﻿
سات آسماں
﻿


صابر ظفر


فہرست

دریچہ بے صدا کوئی نہیں ہے	4
کھدائی کو کھنڈر کوئی نہیں ہے	5
رزم گاہِ عشق میں یوں کوئی گھائل جائے گا	6
آنکھ نے بات کی لب سے پہلے	8
صحرا میں آکے فکر کہ گھر جانا چاہئیے	9
وہ صرف ہم سفر ہے مرا ہم نفس نہیں	10
موسم کی طرح بدل رہے ہیں	11
تُو نے ہی نام و نمود ِ ذات کی تدبیر کی	12
وقت وہ آگیا ہے اب،میں بھی لبوں کو وا کروں	13
کوئی تو ترکِ مراسم پہ واسطہ رہ جائے	14
بکھرتا پھول جیسے شاخ پر اچھا نہیں لگتا	15
جب وہ صورت عجب بنائی گئی	18
اس پہ ظاہر مرا احوال نہیں ہو سکتا	20



اسی لیئے تو اجل نے دیا ہے جینے مجھے 
بہت قریب سے دیکھا ہے زندگی نے مجھے 

زمیں پہ تیرنے لگتا ہوں صورتِ گرداب 
کبھی جو لگتے ہیں سات آسماں سفینے مجھے 

امید اب ہی عبث مجھ سے نیک خوئی کی 
برے عمل پہ تو ٹوکا نہ تھا کسی نے مجھے 

وگرنہ عشق میں جاں سے گذر چکا ہوتا 
ظفر ، نباہ کے ، آئے نہیں قرینے مجھے 
٭٭٭


دریچہ بے صدا کوئی نہیں ہے 
اگرچہ بالتا کوئی نہیں ہے 

میں ایسے جمگھٹے میں کھو گیا ہوں 
جہاں میرے سوا کوئی نہیں ہے 

رکوں تو منزلیں ہی منزلیں ہیں 
چلوں تو راستہ کوئی نہیں ہے 

کھُلی ہیں کھڑکیاں ہر گھر کی لیکن 
گلی میں جھانکتا کوئی نہیں ہے 

کسی سے آشنا ایسا ہوا ہوں 
مجھے پہچانتا کوئی نہیں ہے 
٭٭٭


کھدائی کو کھنڈر کوئی نہیں ہے 
اب اِس مٹی میں زر کوئی نہیں ہے 

خیالوں میں یہ کس کی دستکیں ہیں 
اگر بیرونِ در کوئی نہیں کوئی نہیں ہے 

وہاں لوگوں کے کیا دُکھ درد ہونگے 
جہاں اب نوحہ گر کوئی نہیں ہے 

کسے ہے بات کہنے کا سلیقہ 
اگر چہ بے ہنر کوئی نہیں ہے 

جِدھر چاہو نکل جاؤ سفر کو 
فصیلِ بحر و بر کوئی نہیں ہے 

میں کیوں اب گھر کی تختی پر نہ لکھ دوں 
یہاں صابر ظفر کوئی نہیں ہے 
٭٭٭


رزم گاہِ عشق میں یوں کوئی گھائل جائے گا 
اب کے صف آرائی میں سر کی جگہ دل جائے گا 

ہم کو تو رُکنا پڑے گا اِک مسافر کے لیئے 
اے سمندر! اب ترے ہمراہ ساحل جائے گا 

آگ تیرے عشق کی کُندن بنا دے گی ہمیں 
ایک دن ہم کو سُلگنے کا صلہ مل جائے گا 

اے ظفر تُو دل کی نے رنگی پہ افسردہ نہ ہو 
اب بہاریں آئیں تو یہ پھول بھی کھِل جائے گا 
٭٭٭


معبودِجاں،خیال کا پیکر نہ ہو کہیں 
تم جس کو پوجتے ہو وہ پتّھر نہ ہو کہیں 

قبل از نظارا اے نگہِ زندگی نما 
یہ دیکھنا کہ موت کا منظر نہ ہو کہیں 

اِک حشر،روزِ حشر سے پہلے بھی ہے تو پھر 
یہ روزِ ہجر ، وقفۂ محشر نہ ہو کہیں 

صابر کہاں نصیب تجھے بوئے جسمِ یار 
تُو اپنی ہی مہک سے معطّر نہ ہو کہیں 
٭٭٭


آنکھ نے بات کی لب سے پہلے 
اور چاہا تجھے سب سے پہلے 

اب تو حاصل کے سوا کچھ بھی نہیں 
ورنہ کیا حسن تھا اب سے پہلے 

کون بے وجہ نمو پاتا ہے 
کیا مسّبب تھا سبب سے پہلے 

منہ لگایا تو وہ گستاخ ہُوا 
ورنہ ملتا تھا ادب سے پہلے 

کون سے رنگ میں شدّت تھی ظفر 
اُس کے چہرے پہ غضب سے پہلے 
٭٭٭


گھر میں رہیں تو سوچ کہ صحرا کو جایئے 
صحرا میں آ کے فکر کہ گھر جانا چاہئیے 

مرنے کے غم میں زیست کے لمحے گزارنا 
جینا اگر یہی ہے تو مر جانا چاہیئے 

گمراہ کر نہ دے کہیں وہ پیش رو مجھے 
میرا خیال ہے کہ ٹھہر جانا چاہیئے 

اِک راہ شہر کی ہے تو اِک راہ دشت کی 
صابر میں سوچتا ہوں کِدھر جانا چاہیئے 
٭٭٭


وہ صرف ہم سفر ہے مرا ہم نفس نہیں 
رستہ بدل تو لُوں مگر اپنے بس میں نہیں 

یہ قید ماہ و سال تو عمر بھر کا روگ 
کب ہوگا وصال،اگر اس برس نہیں 

اس سر زمیں سے ہے فلک تک کھلی فضا 
اُڑنے کی تاب ہو تو کہیں قفس نہیں 

جی چاہتا ہے ایک نئی زندگی ملے 
اپنی غرض ملاپ سے بس رنگ رس نہیں 

اغیار بھی ہیں اُسکی گلی میں تو کیا گلہ 
وہ گلستاں ہی کیا ہی جہاں خار و خس نہیں 

قربت نصیب ہوتی ہے قربانیوں کے بعد 
جاں وار دوں میں اُس پہ ظفر تو عبس نہیں 
٭٭٭


موسم کی طرح بدل رہے ہیں
ہم وقت کے ساتھ چل رہے ہیں

اُجڑی ہوئی رُت ہے اور بَن میں
سُوکھے ہوئے پیڑ جل رہے ہیں

ہر طرح کی لغزشوں کے با وصف
ہم کس کے لیئے سنبھل رہے ہیں

وہ جسم جو منجمد تھے صابر
کیا جانیئے کیوں پگھل رہے ہیں
٭٭٭



تُو نے ہی نام و نمود ِ ذات کی تدبیر کی
میں تو خوشبو ہوں مجھے خواہش نہیں تشہیر کی

کچھ گنہ کم کر تولوں،پر،نامۂ اعمال سے
آنکھ ہٹتی ہی نہیں ہے کاتب ِ تقدیر کی

اپنے مطلب کی سبھی باتیں سمجھ لیتے ہیں لوگ
اب یہاں کوئی ضرورت ہی نہیں تفسیر کی

روح تیری دسترس میں ہے تو کیا تُو نے کیا
میں نے تو پھر بھی عمارت جسم کی تعمیر کی

٭٭٭



وقت وہ آگیا ہے اب،میں بھی لبوں کو وا کروں
تجھ سے کوئی گلہ کروں،تیرا بھی سامنا کروں

ایسے رکھوں تعلقات ،ربط نہ کوئی رہ سکے
ذکر نہ ہو کہیں تِرا،یوں تِرا تذکرہ کروں

جاں کا فشار دیکھ کر،بس میں نہیں رہا کہ میں
دل جو کہے وہ مان لوں اور سدا وفا کروں

جس سے میں خود بچھڑ گیا،سوچ کے یہ نہ پھر ملا
پہلے ملا تو کیا کیا،مل کے اب اُس سے کیا کروں
٭٭٭


کوئی تو ترکِ مراسم پہ واسطہ رہ جائے
وہ ہم نوا نہ رہے صورت آشنا رہ جائے

عجب نہیں کہ مِرا بوجھ بھی نہ مُجھ سے اُٹھے
جہاں پڑا ہے زرِ جاں وہیں پڑا رہ جائے

میں سوچتا ہوں مجھے انتظار کس کا ہے
کواڑ رات کو گھر کا اگر کھُلا رہ جائے

کسے خبر کہ اسی فرش ِ سنگ پر سو جاؤں
مِرے مکاں میں بستر مرا بچھا رہ جائے

ظفر ہی بہتری اس میں کہ میں خموش رہوں
کھُلے زبان تو عزت کسی کی کیا رہ جائے
٭٭٭



بکھرتا پھول جیسے شاخ پر اچھا نہیں لگتا
محبت میں کوئی بھی عمر بھر اچھا نہیں لگتا

بکھرنے اور بھٹکنے کیلیے تنہائی کافی ہے
کوئی منزل نہ ہو تو ہمسفر اچھا نہیں لگتا

میں اس کو سوچتا کیوں ہوں اگر ندرت نہیں اس میں
میں اس کو دیکھتا کیوں ہوں اگر اچھا نہیں لگتا

اسی باعث میں تیری یادوں میں مصروف رہتا ہوں
مجھے بے دھیان رہنے کا ہنر اچھا نہیں لگتا

وہ جس کی دلکشی میں غرق ہونا چاہتا ہوں میں
وہی منظر مجھے بارِ دگر اچھا نہیں لگتا

کسی صورت تعلق کی مسافت طے تو کرنی ہے
مجھے معلوم ہے تجھ کو سفر اچھا نہیں لگتا

مرا دکھ بانٹنے والے بہت احباب ہیں میرے
رکھوں میں ساتھ کوئی نوحہ گر، اچھا نہیں لگتا

نکل کے جب میں ویرانے سے آبادی میں آیا ہوں
رہوں بے گانۂ دیوار در اچھا نہیں لگتا

ہزار آوارگی ہو بے ٹھکانہ زندگی کیا ہے
وہ انساں ہی نہیں ہے جس کو گھر اچھا نہیں لگتا

نئی تخلیق سے باقی جہاں میں حسن ہے سارا
شجر چاہے کوئی ہو، بے ثمر اچھا نہیں لگتا

وہ چاہے فصل پک جانے پہ سارے کھیت چگ جائیں
پرندوں کو کروں بے بال و پر، اچھا نہیں لگتا

ستم جو ہو رہا ہے در حقیقت وہ خدا جانے
مگر کوئی سرے سے بے خبر اچھا نہیں لگتا

وہ اک اسم مبارک دل پہ لکھنا چاہیئے جس کو
وہ پیشانی پہ لکھ تو لوں مگر اچھا نہیں لگتا

وسیلہ راستے کا چھوڑ کر منزل نہیں ملتی
خدا اچھا لگے کیا ، جب بشر اچھا نہیں لگتا
٭٭٭



جب وہ صورت عجب بنائی گئی
زندگی بے سبب بنائی گئی

دی گئ تاب دید آنکھوں کو
دل میں شکل طلب بنائی گئی

دیکھ کر دن کی بے لباسی کو
مثل ملبوس شب بنائی گئی

بعد میں بحر غم بنایا گیا
پہلے موج طرب بنائی گئی

تھی نہ اس ہاتھ میں لکیر کوئی
میری تقدیر جب بنائی گئی

تیرگی تھی ابد کی صورت میں
روشنی جانے کب بنائی گئی

کوئی بوسے کا رنگ بھی ہو گا
جب وہ تصویر لب بنائی گئی

سخت حیراں ہوں محفل عشق
کس قدر با ادب بنائی گئی
٭٭٭



اس پہ ظاہر مرا احوال نہیں ہو سکتا
وہ کنارا کبھی پاتال نہیں ہو سکتا
فکر کرنے سے ہی ملتی ہے سخن کی دولت
جو نہیں سوچتا خوشحال نہیں ہو سکتا
لکھنے والا جو اسے اپنے لہو سے لکھے
کوئی مضمون بھی پامال نہیں ہو سکتا
آب و ماہی کا تعلق ہے فقط آزادی
ان کا ہمدرد کوئی جال نہیں ہو سکتا
شہر اپنا ہے وہی پہلی محبت ہے جہاں
کہ کراچی تو ظفر وال نہیں ہو سکتا
٭٭٭
ماخذ:
http://urdustar.com/home/597179-post1.html
http://iteducation.lefora.com/2008/11/10/saaber-zafar/
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید 
