﻿



سکندر کا مقدر




سلیم خان






باسمہ تعالیٰ

انتساب


برادرِ محترم 
سردار خان 
اور بھابی
 محترمہ خورشید خانم
 کے نام 
جن کی محبت و شفقت میری عظیم سعادت ہے 


۱

احساسِ ندامت


’’میری موت تو یقینی ہے اور وہ کسی بھی وقت آ سکتی ہے بلکہ آ چکی ہوتی اگر تم سے یہ گفتگو مقدر نہ ہوتی۔‘‘ خضر حیات اپنی آخری سانسیں گنتا ہوا کہہ رہا تھا۔ ’’دیکھو ثریا۔۔۔ اب نہ دُعائیں میرے کسی کام آئیں گی، نہ یہ تسلی کوئی فائدہ پہنچائے گی۔ تم ایسا کرو کہ سمیہ اور سکندر کے لئے دُعا کرو اور اگر ممکن ہو تو مجھ سے ایک وعدہ کرو۔‘‘
’’وعدہ؟ کیسا وعدہ؟‘‘ دُوسری مرتبہ خضر کے روبرو ثریا کا دل زور زور سے دھڑکنے لگا تھا۔ ثریا نے بڑی مشکل سے اپنے آنسوؤں کو ضبط کرنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکی۔ اس کی آنکھیں بہنے لگیں۔ وہ رو رہی تھی۔ 
خضر بولا۔ ’’روؤ نہیں ثریا۔۔۔ اپنے آپ کو سنبھالو۔ میں تو جا رہا ہوں لیکن تمہیں بہت کچھ کرنا ہے۔‘‘
یہ عجیب و غریب منظر تھا کہ ثریا جو دلاسہ دینے کے لئے آئی تھی، اسے خضر حوصلہ دے رہا تھا جو خود زندگی سے مایوس ہو چکا تھا۔ 
ثریا بولی۔ ’’تم رُک کیوں گئے خضر۔۔۔ بولو، میں کیا کر سکتی ہوں ؟ مجھے کیا کرنا ہے؟ میں وعدہ کرتی ہوں کہ جو تم کہو گے میں اُسے ہر صورت کر گزروں گی۔۔۔ انشا اللہ باذن اللہ!‘‘
’’ثریا! تم نے بغیر جانے وعدہ کر لیا ؟ تم کیسی لڑکی ہو؟‘‘
’’میں جیسی بھی ہوں۔۔۔ مجھے بتاؤ کہ کرنا کیا ہے؟‘‘ 
’’ثریا۔۔۔ میں نہیں جانتا کہ سمیہ کس حال میں ہے۔ مجھے اُمید ہے اور میں دُعا کرتا ہوں کہ وہ اچھی ہو جائے۔ اسی طرح میں سکندر کے بارے میں بھی کچھ نہیں جانتا؟ میں تم سے یہ وعدہ لینا چاہتا ہوں کہ میرے بعد تم سکندر کا خیال رکھو گی۔ اُسے کبھی بھی اپنے یتیم ہونے کا احساس نہیں ہونے دو گی؟‘‘
’’خضر۔۔۔ میں تم سے وعدہ کرتی ہوں کہ آج سے سکندر میرا بیٹا ہے۔ میں اس کی ماں بھی ہوں اور باپ بھی۔۔۔ اور سمیہ اب وہ میری بہن ہے۔‘‘  
خضر کا چہرہ کھل اُٹھا۔ سارے کمرے میں روشنی پھیل گئی لیکن اس کے ساتھ ہی ہوا کے ایک تیز جھونکے سے کھڑکی کھل گئی اور خضر کا ہنستا مسکراتا چہرہ ایک جانب لڑھک کر مرجھا گیا۔ ثریا اس منظر کو دیکھ کر بے حس و حرکت پتھر بن گئی اور نہ جانے کب تک حواس باختہ رہی۔ یہاں تک کہ دوا خانے کا عملہ اسے باہر لے آیا۔ 
دُوسرے دِن خضر کی تدفین عمل میں آئی۔ اس کے بعد ثریا نے سکندر کی خبر لی تو پتہ چلا کہ اس کی حالت جیسی تھی ویسی ہی ہے، کوئی مثبت یا منفی تبدیلی واقع نہیں ہوئی۔ وہ موت اور زندگی کے درمیان اسی طرح لٹکا ہوا ہے جیسا کہ دو دن پہلے تھا۔ 
خضر کی موت کو سمیہ سے صیغۂ راز میں رکھا گیا تھا، جب ثریا اس سے ملنے گئی تو سمیہ نے پوچھا۔ ’’میرا خضر کیسا ہے؟‘‘
ثریا نے بتایا۔ ’’ٹھیک ہے، وہ رو بہ صحت ہے۔‘‘
’’اور میرا بیٹا سکندر ؟‘‘
’’وہ بھی بہتری کی طرف مائل ہے۔‘‘
یہ دونوں باتیں سراسر جھوٹ تھیں۔ لیکن کبھی کبھی حقیقت اس قدر تلخ ہوتی ہے کہ وبالِ جان بن جاتی ہے۔ اسی مجبوری نے ثریا کو کذب بیانی پر مجبور کر دیا تھا۔ 
سمیہ بولی۔ ’’میں ان سے ملنا چاہتی ہوں۔‘‘
’’تم اُن سے اس حالت میں نہیں مل سکتیں بہن۔‘‘
’’کیوں۔۔۔ کیوں نہیں مل سکتی؟‘‘
’’اِس سے تم دونوں کی صحت کو خطرہ ہے۔‘‘
’’مجھے اپنی پرواہ نہیں ، میں اُنہیں ایک نظر دیکھ کر اپنی آنکھوں کو ٹھنڈا کرنا چاہتی ہوں۔‘‘
’’ہاں ہاں۔۔۔ ضرور ملنا تم اُن دونوں سے۔۔۔ لیکن جب ڈاکٹر اجازت دے۔ وہ لوگ بھی تو ہمارے خیرخواہ ہیں۔ ہماری بھلائی کے لئے منع کرتے ہیں۔‘‘
’’کیا تم نے اُن سے اِس بارے میں پوچھا ہے؟‘‘
’’جی ہاں۔‘‘
’’وہ کیسے؟ میں نے تو ابھی ابھی یہ تقاضہ کیا بلکہ ابھی ابھی میرے دل میں یہ خیال آیا۔‘‘
’’تمہاری بات صحیح ہے بہن۔ تمہاری صحت پوری طرح بحال نہیں ہوئی ہے۔ لیکن مجھے پتہ تھا کہ تم اس خواہش کا اظہار ضرور کرو گی۔ اس لئے میں نے پیشگی دریافت کر لیا۔‘‘
’’خضر صحیح کہتا ہے۔۔۔ تم بے حد سمجھدار ہو۔‘‘
’’کیا واقعی خضر نے یہ کہا تھا یا تم مجھ سے دل لگی کر رہی ہو؟‘‘
’’یہ مذاق کا وقت نہیں ہے۔ میں وہی کہہ رہی ہوں جو اُس نے کہا تھا، بلکہ وقتاً فوقتاً کہتا رہتا تھا۔‘‘
’’لیکن اُسے ایسا کہنے کی ضرورت ہی کیوں پیش آتی تھی؟‘‘
’’یوں ہی۔۔۔ ! جب بھی دفتر کی کوئی بات چھڑتی تو بالآخر تان یہیں آ کر ٹوٹتی۔‘‘
’’سچ!! مجھے یقین نہیں آتا۔۔۔ اس لئے کہ مجھے تو وہ ہمیشہ احمق ہی کہتا تھا۔‘‘
’’میرے بارے میں کہتا ہو گا۔‘‘
’’نہیں سمیہ۔۔۔ میرے سامنے وہ تمہاری تعریف کے پل باندھتے نہ تھکتا تھا۔‘‘ یہ ایک اور جھوٹ تھا جو ثریا کہہ رہی تھی۔ 
’’ناممکن! خضر میری تعریف کر ہی نہیں سکتا۔‘‘
’’کیوں ؟‘‘
’’اس لئے کہ میں نے اس کے ساتھ ایسا سلوک ہی نہیں کیا کہ اس کے دل میں جگہ بنا سکوں۔۔۔ اور جب تک انسان کسی کے دل میں نہ بس جائے، وہ اس کی تعریف کا مستحق نہیں بن سکتا۔ یہ حقیقت مجھ پر گزشتہ دو دِنوں کے درمیان آشکار ہوئی ہے، اور میں نے ارادہ کیا ہے کہ میں اپنا مزاج اور رویہ بدل دوں گی اور اپنے خضر کا دل جیت لوں گی۔ اُن کے گھر کی ملکہ سے اُن کے دل کی ملکہ بن جاؤں گی۔‘‘
ثریا کی زبان سے اچانک ’’کاش‘‘ نکل پڑا۔ 
سمیہ چونک پڑی اور بولی۔ ’’تم نے ’کاش‘ کیوں کہا ثریا؟ کیا تمہیں یقین نہیں ہے کہ ایسا ہو گا؟‘‘
’’جی نہیں ، ایسا نہیں ہے؟‘‘ ثریا نے اپنی غلطی کو نبھانے کی کوشش کی۔ ’’میرا مطلب یہ ہے کہ اگر تم یہ ارادہ پہلے ہی کر لیتیں تو کتنا اچھا تھا۔ خیر کوئی بات۔۔۔ انسان جب جاگتا ہے تبھی سویرا ہوتا ہے۔‘‘
’’ہاں بہن۔۔۔ لیکن کبھی کبھار وہ لمبی نیند سو جاتا ہے اور اسے جاگنے میں بڑی تاخیر ہو جاتی ہے۔‘‘
’’اور ایسا بھی ہوتا ہے کہ وہ کبھی کبھی سویا ہی رہ جاتا ہے۔ اس کو جاگنا نصیب ہی نہیں ہوتا۔‘‘ ثریا کو پھر ایک بار اپنی زبان کے پھسلنے کا احساس تاخیر سے ہوا۔ اسے اندیشہ لاحق ہوا کہ کہیں سمیہ کو شبہ نہ ہو جائے۔ 
لیکن سمیہ بولی۔ ’’جی ہاں بہن! تم سچ کہتی ہو۔ اس حادثے نے میری آنکھ کھول دی۔ اگر یہ رونما نہ ہوتا تو شاید میں ساری زندگی خوابِ غفلت میں پڑی رہ جاتی۔‘‘
ہسپتال کے خصوصی کمرے میں لگے ٹیلی ویژن پر گانا بج رہا تھا۔۔۔ ’’سب کچھ لٹا کے ہوش میں آئے تو کیا کیا۔‘‘ لیکن یہ دونوں اپنی گفتگو میں اس قدر محو تھیں کہ اُنہیں پتہ ہی نہ تھا کہ آس پاس کیا ہو رہا ہے۔ 
ثریا بولی۔ ’’دیکھو سمیہ۔۔۔ ان حادثات کا معاملہ زندگی کی شاہراہ پر نشیب و فراز  کا سا ہوتا ہے۔ کچھ حادثات انسان کو سلا دیتے ہیں اور کچھ جگا دیتے ہیں۔‘‘
’’جی ہاں ثریا! لیکن کیا ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ کسی ایک موڑ پر پہنچ کر ایک شخص جاگ جائے اور دوسرا سو جائے؟‘‘
ثریا گھبرا گئی۔ اُسے پھر شک ہونے لگا کہ جس بات کو وہ چھپا رہی ہے کہیں سمیہ کو اس کا پتہ تو نہیں چل گیا؟ لیکن یہ نہیں ہو سکتا۔ ثریا نے اس خیال کو اپنے ذہن سے جھٹک دیا اور بولی۔ ’’ہو سکتا ہے، کیوں نہیں ہو سکتا۔ اس زندگی میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ بلکہ ہوتا رہتا ہے۔ جو بات ہمارے وہم و گمان میں نہیں ہوتی، دیکھتے دیکھتے وہ وقوع پذیر ہو جاتی ہے اور انسان کچھ بھی نہیں کر سکتا۔‘‘
’’جی ہاں ثریا۔۔۔ تم کتنی سچی ہو! تم ہر بات سچ کہتی ہو۔ ایسا ہوتا ہے اور یہ میرے ساتھ ہوا ہے۔‘‘
ثریا نے چونک کر پوچھا۔ ’’کیا مطلب؟ میں سمجھی نہیں !‘‘
’’دراصل ہماری شادی ایک ایسا ہی سانحہ تھا جس نے مجھے سلا دیا اور اپنے آپ ہی خضر کو جگا دیا۔ لیکن اب میں بھی بیدار ہو چکی ہوں اور میں نے اپنی کوتاہیوں کے ازالہ کا ارادہ کر لیا ہے۔۔۔ مصمم ارادہ!‘‘
سمیہ کے لہجہ میں بلا کا اعتماد تھا جس نے ثریا کو ہلا کر رکھ دیا۔ اسے لگا کہ یہ عورت اپنے عزم و یقین کے باعث خضر کو واپس اِس دُنیا میں بلا لائے گی۔ لیکن اس کے اندر چھپے نفس نے کہا۔۔۔ ’’احمق لڑکی! ایسا نہیں ہوتا۔ ایسا کبھی نہ ہو گا۔ اس دُنیا سے چلے جانے والوں کے پاس انسان جا تو سکتا ہے، لیکن انہیں واپس اپنے پاس نہیں بلا سکتا۔‘‘ اس کے پاس تو جا سکتا ہے۔ اس خیال سے اُمید کا ایک ننھا سا چراغ روشن ہو گیا، لیکن پھر اس وعدے کی آندھی نے اس کی لو کو مدھم کر دیا جو سکندر کے بارے میں اس نے خضر سے کیا تھا۔۔۔ وہ اس کا خیال رکھے گی۔۔۔ کاش کہ یہ عہد و پیمان نہیں ہوا ہوتا۔۔۔ وہ منہ ہی منہ میں بڑبڑائی۔ ’’کاش۔۔۔ !!‘‘
سمیہ غور سے ثریا کو دیکھ رہی تھی۔ وہ اس کا ذہن پڑھنے کی کو شش کر رہی تھی لیکن یہ ناممکن تھا۔ ہاں ، ہونٹوں کی جنبش سے وہ لفظ ’’کاش‘‘ اُچکنے میں کامیاب ہو گئی اور پوچھا۔ ’’ثریا۔۔۔ یہ ’کاش‘ تمہارا تکیہ کلام تو نہیں ہے؟‘‘
’’نہیں۔۔۔ ایسی بات نہیں۔ میں نے کب کہا ’’کاش‘‘؟
’’تم نے مجھ سے نہیں اپنے آپ سے ضرور کہا ہے۔ انسان کسی اور سے بات کرے یا اپنے آپ سے، اس کا لب و لہجہ تبدیل نہیں ہوتا۔‘‘
’’شاید تم صحیح کہہ رہی ہو سمیہ! تم ایک نہایت ذہین خاتون ہو۔۔۔ گہری باتوں کو بھی بہت جلد سمجھ لیتی ہو۔‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ ایسا نہیں ہے سمیہ۔ ایک روز خضر اپنے دفتر کی باتیں کرتے کرتے حسبِ عادت تمہاری تعریف کرنے لگے تو میں نے تنک کر کہا۔ ’’اگر وہ اتنی ہی اچھی ہے تو تم اس کے ساتھ شادی کیوں نہیں کر لیتے۔‘‘ میرا اِرادہ انہیں مدافعت میں ڈالنے کا تھا۔ مجھے توقع تھی کہ وہ اپنی صفائی پیش کریں گے، مجھے سمجھانے منانے کی کوشش کریں گے یا کم از کم یہ کہہ دیں گے تمہاری خاطر سمیہ ڈارلنگ۔ لیکن انہوں نے ایسا کچھ بھی نہیں کیا۔‘‘
’’اچھا! تو خضر نے کیا کہا؟‘‘
’’بس ایک لفظ اُن کی زبان سے پھسلا۔۔۔ ’’کاش!‘‘
’’پھر تم نے کیا کیا؟‘‘
’’میں کیا کرتی؟ غصہ سے پھنکارتی ہوئی وہاں سے اُٹھ کر بالکنی میں چلی گئی اور اپنی آنکھوں کے آنسو خشک کرنے لگی۔ لیکن آج میری سمجھ میں آیا کہ میں نے انہیں غلط سمجھا تھا۔‘‘
’’اچھا! وہ کیسے؟‘‘
’’تم سے گفتگو کرنے کے بعد پتہ چلا۔۔۔ یہ تمہارا تکیہ کلام ہے جو انہوں نے بے ساختہ ادا کر دیا تھا اور میں بلاوجہ بُرا مان گئی۔‘‘
’’اصل میں خضر کی شخصیت ہی کچھ ایسی تھی کہ اس سے لوگ غلط فہمی کا شکار ہو جاتے تھے اور اسے احساس تک نہ ہوتا تھا۔‘‘
’’ثریا۔۔۔ یہ ’’تھی، تھے، تھا‘‘ کے الفاظ تم کیوں استعمال کر رہی ہو؟‘‘
ثریا پھر ایک بار پکڑی گئی تھی۔ وہ بھول گئی تھی کہ اس کا سابقہ ایک نہایت حساس عورت کے ساتھ پڑا ہے جو ہر لفظ کا پوسٹ مارٹم کر دیتی ہے۔ وہ بولی۔ ’’چونکہ میں ماضی کے واقعات کے حوالے سے بات کر رہی ہوں ، اس لئے ماضی کا صیغہ استعمال کر دیا۔ معذرت چاہتی ہوں۔۔۔ آپ سے بات کرتے ہوئے تو پہلے ہر لفظ کو میزان میں تولنا ہوتا ہے، پھر بولنا ہوتا ہے۔ ورنہ گرفت ہو جاتی ہے۔‘‘
’’جی نہیں بہن۔۔۔ ایسی بات نہیں۔ دراصل اکثر غلط فہمی نیتوں اور ارادوں کے باعث نہیں بلکہ اظہار کی خاطر استعمال کئے گئے الفاظ کی وجہ سے ہوتی ہے۔ اس لئے کہ مخاطب ہمارے اندر جھانک کر ہماری نیت کا پتہ نہیں لگا سکتا۔ وہ تو ہمارے ارادوں کو جاننے کے لئے ہمارے الفاظ پر انحصار کرتا ہے اور اگر ان کے انتخاب میں ہم غلطی کریں تو خیر خواہی کے باوجود بات بگڑ جاتی ہے۔‘‘
ثریا نے سمیہ کی بھرپور تائید کی اور اجازت لے کر باہر آ گئی۔ وہ سوچ رہی تھی کہ سمیہ نے بالکل سچ کہا۔ لیکن جب انسان کا ارادہ ہی گمراہ کرنے کا ہو تو وہ کیا کرے؟ سچ بات کہنے کے لیے بھی مناسب الفاظ کا استعمال کسی قدر مشکل ہوتا ہے۔ دروغ گوئی کے لیے یہ کام مشکل تر ہو جاتا ہے اور یہی بے احتیاطی اس کے جھوٹ کا راز فاش کر دیتی ہے۔ آج اس نے فیصلہ کر لیا تھا کہ سمیہ سے بہت سنبھل کر بات کرے گی اور کم بات کرے گی۔ اس لیے کہ جب بات لمبی ہو جاتی ہے تو اپنی زبان کو قابو میں رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ خضر کے ساتھ طول طویل بات کرنے والی ثریا پر کم گوئی کے فوائد کا انکشاف ہو چکا تھا۔ 


۲
احساسِ جرم


سمیہ تیزی کے ساتھ صحت یاب ہو رہی تھی۔ سکندر جوں کا توں کوما کی حالت میں پڑا ہوا تھا۔ وہ سانس لیتا تھا، دُودھ بھی پیتا تھا، لیکن بے حس و حرکت پڑا رہتا تھا۔ وہ بظاہر زندہ تھا لیکن اس میں زندگی نہیں تھی۔ اس لئے کہ وہ زندگی کے شعور سے محروم ہو چکا تھا۔۔۔ گویا زندہ ہونے کے باوجود مرحوم ہو چکا تھا۔ اس کے اندر زندگی نہیں بلکہ اس کی چند علامات پائی جاتی تھیں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ اس کا وجود بذاتِ خود ایک سامانِ عبرت بن گیا تھا اور خضر تھا کہ وہ کب کا مر چکا تھا۔ 
یہ قدرت کی ستم ظریفی تھی کہ ماں سمیہ جو مرنا اور مارنا چاہتی تھی، وہ زندہ تھی اور ہر خطرے سے باہر تھی۔ باپ خضر حیات جو جینا اور جِلانا چاہتا تھا، وہ مر چکا تھا اور بیٹا سکندر جسے نہ جینا تھا اور نہ مرنا تھا، وہ موت اور زندگی کے درمیان جھول رہا تھا۔ اس صورتحال سے سمیہ کو آگاہ کرنا ایک بڑا مسئلہ تھا۔ چونکہ اس بارے میں ثریا کئی مرتبہ جھوٹ بول چکی تھی، اس لئے وہ اس کام کے لیے تیار نہیں ہو پا رہی تھی۔ لہٰذا سمیہ کو خضر کے بارے میں سچائی سے آگاہ کرنے کی ذمہ داری صفدر کو سونپی گئی۔ 
’’صفدر بھائی۔۔۔‘‘ سمیہ کہہ رہی تھی۔ ’’میری سمجھ میں نہیں آتا کہ آخر مجھے سکندر  اور خضر سے ملنے کیوں نہیں دیا جا رہا؟ میں تو اب چلنے پھرنے بھی لگی ہوں۔ اب مجھ سے یہ فاصلہ نہیں سہا جا رہا ہے۔‘‘
’’بھابی! میں ڈاکٹروں سے اس بابت بات کر چکا ہوں اور انہوں نے اجازت دے دی ہے۔‘‘
’’واقعی۔۔۔ !! آپ سچ کہہ رہے ہیں ؟‘‘
’’جی ہاں ! اُن کا کہنا ہے کہ آج آپ سکندر سے ملاقات کر لیں جو اسی ہسپتال میں ہے اور کل ہم دوسرے ہسپتال میں جائیں گے جہاں خضر زیرِ علاج ہے، اور پرسوں۔۔۔ آپ اپنے گھر جا سکتی ہیں۔‘‘
’’اوہو۔۔۔ یہ تو کئی خوشخبریاں آپ نے ایک ساتھ سنا دیں ، بلکہ میرا خیال ہے کیوں نہ کل ہی گھر جاتے ہوئے خضر سے ملاقات کر لیتے ہیں۔ میری طبیعت اب اس دوا خانے سے اوب چکی ہے۔‘‘
’’جی ہاں ! یہ بھی ہو سکتا ہے۔ کل اور پرسوں میں کوئی خاص فرق تو ہے نہیں۔ میں کل ثریا کو بھی بلوا لوں گا، کیا خیال ہے؟‘‘
’’جی ہاں ! بہت اچھا خیال ہے۔‘‘
’’تو چلو۔۔۔ چلتے ہیں سکندر کی طرف۔ بچوں کا وارڈ اُوپر پانچویں منزل پر ہے، اس لئے ہمیں لفٹ سے چلنا ہو گا۔‘‘
صفدر کے ساتھ سمیہ جب اُوپر ایمرجنسی وارڈ میں پہنچی تو کیا دیکھتی ہے کہ سکندر  بڑے آرام سے سو رہا ہے۔ سمیہ تیزی سے اس کی جانب لپکی۔ صفدر بولا۔ ’’بھابی۔۔۔ وہ ابھی سو رہا ہے۔ اس لئے جگانا مناسب نہیں ہے۔ ایسا کرتے ہیں ، انتظار کر لیتے ہیں۔‘‘
سمیہ نے تائید کی اور دُور بنچ پر بیٹھ کر اپنے پھول جیسے بچے کو نہارنے لگی۔ 
وقت ٹھہر گیا تھا۔۔۔ گھڑی کے کانٹے اپنے محور کے ارد گرد ایک بے مصرف سفر میں اُلجھے ہوئے تھے۔ ایک ایسا سفر جس کی کوئی منزل نہیں تھی، جو جہاں سے شروع ہوتا تھا وہیں پر کچھ دیر بعد ختم بھی ہو جاتا تھا۔ بے مقصد زندگی کا بے معنی سفر، جس میں نہ قیام تھا اور نہ دوام تھا۔ سانس نہ جانے کہاں سے آتی تھی اور نہ جانے کہاں چلی جاتی تھی۔ ایک ایسا راستہ جس کی نہ ابتدا دِکھائی دیتی تھی اور نہ انتہا نظر آتی تھی۔ 
جب صفدر بیٹھے بیٹھے تھک گیا تو بولا۔ ’’بھابی اسے سونے دو۔ ایسا کرتے ہیں آج چلتے ہیں ، کل پھر آئیں گے۔‘‘
’’لیکن یہ اس طرح کب سے سو رہا ہے؟‘‘
’’ اس دن سے جب یہ یہاں آیا تھا۔‘‘
’’اور کب تک یوں ہی سوتا رہے گا؟‘‘
’’ اس دن تک جب وہ یہاں سے جائے گا۔‘‘
’’لیکن وہ دن کب آئے گا؟‘‘
’’یہ کوئی نہیں جانتا؟ نہ میں ، نہ ڈاکٹر، نہ خضر، نہ خود سکندر۔۔۔ یہ کوئی نہیں جانتا، خدائے عالم الغیب کو اس کا علم ہے۔‘‘
’’خدا تو سب کچھ جانتا ہے۔‘‘
’’جی ہاں بھابی! وہی تو ہے جسے سب کچھ پتہ ہے۔‘‘
’’اور ہم لوگ۔۔۔ ؟‘‘
’’تھوڑا بہت جانتے ہیں۔ بہت کچھ نہیں جانتے۔‘‘
’’لیکن سمجھتے یہ ہیں کہ ہم سب جانتے ہیں۔‘‘
’’نیز چاہتے یہ ہیں کہ ہم سب جان جائیں۔‘‘
’’لیکن ہم سب نہیں جان سکتے۔‘‘
’’اور اگر جان بھی جائیں تو اس کو برداشت نہیں کر سکتے۔‘‘
’’تو پھر ہم کیوں جاننا چاہتے ہیں ؟‘‘
’’یہ ہم نہیں جانتے کہ ہم کیوں جاننا چاہتے ہیں۔۔۔ اور شاید جان بھی نہیں سکتے۔‘‘
سمیہ کا دماغ چل گیا تھا۔ وہ بنا سوچے بے معنی سوالات کئے جا رہی تھی اور صفدر بنا سمجھے بے مطلب جوابات دیتا چلا جا رہا تھا۔ 
ایک لمحہ کے لیے خاموشی چھا گئی۔ سوالات کا لامتناہی سلسلہ رُک گیا اور وہ دونوں خاموشی کے ساتھ لفٹ کی جانب چل پڑے۔ دوسری منزل پر اپنے بستر پر آ کر سمیہ لیٹ گئی۔ آج دو ماہ بعد اس نے اپنے بیٹے کو دیکھا تھا۔ اُسے خوشی تھی کہ وہ زندہ تھا لیکن اُس کی حالت پر اُسے رنج تھا۔ رفتہ رفتہ رنج و ملال نے مسرت و شادمانی کو پوری طرح مغلوب کر دیا۔ اس کی آنکھیں بہنے لگیں اور صبح تک بہتی رہیں۔ صفدر کب وہاں سے اُٹھ کر اپنے گھر روانہ ہو گیا، سمیہ کو پتہ ہی نہ چلا۔ 
صفدر ایک آزمائش سے گزر چکا تھا۔ لیکن اب آگے اُسے جس امتحان کا سامنا تھا، وہ اور زیادہ مشکل تھا۔ 
دُوسرے دن سمیہ اور ثریا ہسپتال سے ڈسچارج لے کر اُوپر پانچویں منزل پر گئے۔ سکندر حسبِ معمول بے حس و حرکت پڑا ہوا تھا۔ سمیہ کچھ دیر اُسے بت بنی دیکھتی رہی اور پھر لفٹ کی جانب چل پڑی۔ اس بیچ صفدر ہسپتال کی کارروائی مکمل کر کے سمیہ کا ذاتی سامان اور دوائیں وغیرہ لے کر نیچے گاڑی میں پہنچ چکا تھا۔ یہ پراجیکٹ منیجر کی کار تھی جو ان لوگوں نے ایک دن کے لئے مستعار لی تھی۔ تین لوگوں کا یہ خاموش قافلہ ہسپتال سے نکلا تو سیدھے قبرستان جا پہنچا۔ راستے بھر نہ جانے کیوں موت کا سناٹا چھایا رہا۔ صفدر نے قبرستان کے عقبی دروازے کے پاس گاڑی کھڑی کر دی اور قریب ترین قبر کی جانب اشارہ کر کے کہا۔ 
’’بہن۔۔۔ وہ سامنے ہے خضر کی آرام گاہ جہاں وہ محوِ خواب ہیں۔ یہ ہم سب کی آخری منزل ہے۔ ہر کسی کو اپنے وقت پر یہاں پہنچنا ہے، کوئی پہنچ چکا ہے اور کوئی اپنی باری کا منتظر ہے۔‘‘
سمیہ کے لئے دو دِن میں یہ دُوسرا جھٹکا تھا۔ اس کی آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا۔ گہرا اندھیرا، اور پھر اچانک ایک زبردست شعلہ لپکا اور اس سے لگنے والی آگ چاروں طرف پھیل گئی۔ ساری کائنات کو اس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ صرف آگ ہی آگ نظر آتی تھی اور اس کے علاوہ کچھ بھی دِکھائی نہ پڑتا تھا۔ دیر تک سمیہ اِن شعلوں میں جھلستی رہی، روتی بلبلاتی رہی اور آخرکار جب آنسوؤں کے سیلاب سے وہ آگ بجھ گئی، تو سب کچھ پہلے جیسا ہو گیا تھا۔ اگر کوئی نہیں تھا تو وہ خضر حیات خان نہیں تھا۔ اس بھیانک آگ نے خضر کو بھسم کر دیا تھا۔۔۔ صفحۂ ہستی سے مٹا کر رکھ دیا تھا۔ وہ تینوں خضر کی جدائی کے غم میں آنسو بہا رہے تھے۔ لیکن سمیہ کی کیفیت دونوں سے یکسر مختلف تھی۔ وہ چیخ چیخ کر کہہ رہی تھی۔۔۔ ’’میں قاتل ہوں۔۔۔ میں نے اپنے خضر اور سکندر کا قتل کیا ہے۔۔۔ مجھے سولی پر چڑھا دو۔۔۔ مجھے پھانسی کے پھندے پر لٹکا دو۔۔۔ مجھے زندہ رہنے کا کو ئی حق نہیں ہے۔۔۔ مجھے میری قرار واقعی سزا دو۔‘‘ سمیہ بار بار ان جملوں کو دوہرائے جا رہی تھی۔ ثریا اور صفدر کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ اس کا کیا کیا جائے؟ بالآخر ثریا بولی۔ ’’بہن، اپنے آپ کو سنبھالو۔ جو ہونا تھا سو ہو چکا۔ قسمت کے لکھے کو کون ٹال سکتا ہے؟‘‘
’’نہیں۔۔۔ یہ سب اپنے آپ نہیں ہوا۔ یہ میرے ہاتھوں کا کیا دھرا ہے، مجھے اس کی سزا ملنی ہی چاہیے۔ میں اسے حاصل کر کے رہوں گی۔۔۔ مجھے میری سزا بحال کرو۔‘‘
صفدر نے کہا۔ ’’دیکھو بھابی! اس دُنیا میں سزا دینا یا رِہا کر دینا۔۔۔ عدالت کا کام ہے۔ ہم جیسے عام لوگ تو اس کام کو نہیں کر سکتے۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ اگر ایسا ہے تو مجھے عدالت میں لے چلو۔ مجھے اپنے گھر نہیں ، عدالت میں جانا ہے۔۔۔ لے چلو مجھے عدالت میں۔‘‘
’’ابھی اِس وقت کون سی عدالت کھلی ہے۔ شام کے سات بجنے والے ہیں۔ سورج ڈھل چکا ہے۔ اندھیرا چھا رہا ہے۔ انصاف کے سارے دروازے بند ہو چکے ہیں۔ چلو گھر چلتے ہیں۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ اگر ایسا ہے تو مجھے بتلاؤ۔۔۔ عدالت کا دروازہ کب کھلے گا؟ مجھے انصاف کب ملے گا ؟‘‘
’’دروازہ تو کل کھلے گا، لیکن انصاف کا جہاں تک سوال ہے وہ تو قاضی شہر بھی نہیں بتلا سکتا کہ انصاف کب ملے گا۔۔۔ ؟ اور انصاف جیسی عظیم نعمت  ممکن ہے ملے اور یہ بھی ممکن ہے کہ ملے ہی نہیں۔۔۔ ؟‘‘
’’ممکن نہیں ہیں کیوں۔۔۔ ؟ یقیناً ہاں کیوں نہیں ؟‘‘ سمیہ، سکندر اور خضر کو بھول کر عدالت کے پیچھے پڑ گئی تھی۔ ایسا لگتا تھا وہ اپنا دماغی توازن کھو بیٹھی ہے۔ 
ثریا بولی۔ ’’ایسا کرتے ہیں ، ابھی گھر چلتے ہیں ، کل عدالت چلیں گے۔‘‘
’’ثریا! تم بہت جھوٹ بولتی ہو۔ گزشتہ دو ماہ سے تم مجھے جھوٹی تسلی دے کر بہلا رہی ہو۔ تمہاری ہر بات کذب بیانی کے سوا کچھ اور نہیں ہے۔ میں تم پر اعتماد نہیں کر سکتی، تم میری دوست نما دشمن ہو۔‘‘
’’ٹھیک ہے، تمہاری ساری باتیں بجا ہیں۔ تم مجھ پر نہیں تو کم از کم صفدر پر بھروسہ کرو۔ وہ تمہیں کل اپنے ساتھ عدالت لے جائے گا۔ لیکن ابھی گھر چلو۔‘‘
سمیہ نے سوالیہ نظروں سے صفدر کی جانب دیکھا۔ اس نے نظروں سے تائید کی۔ اس کے بعد چند لمحے سمیہ ساکت و جامد کھڑی رہی اور پھر گاڑی میں آ کر چپ چاپ بیٹھ گئی۔ اسے سب سے زیادہ غصہ ثریا پر آ رہا تھا اور ثریا سے زیادہ اپنے آپ پر۔ اسی غم و غصہ کی کیفیت میں سمیہ گھر کے اندر داخل ہو گئی، جہاں سے دو ماہ قبل ایمبولنس کے ذریعہ وہ دوا خانہ لے جائی گئی تھی۔ لیکن اس وقت وہ بیہوش تھی اور اب اسے ہوش آ چکا تھا۔ وہ ہوشیار ہو چکی تھی۔ لیکن یہ کیسی ہوشیاری تھی جو مدہوشی سے زیادہ کربناک بنی ہوئی تھی؟ اس سوال کا جواب نہ صفدر اور ثریا کے پاس تھا اور نہ سمیہ کے پاس۔۔۔ !



۳
شدّتِ جنوں 


گھر پہنچنے کے بعد ثریا نے پوچھا۔ ’’اگر تمہیں اعتراض نہ ہو تو کیا میں ایک رات یہاں رُک سکتی ہوں ؟‘‘
’’کیسی بات کرتی ہو ثریا۔۔۔ اِس اجنبی شہر میں تمہارے اور صفدر کے علاوہ میرا غم گسار کون ہے؟ میرے خاندان میں ایک انکل ہیں جو ہزاروں میل دُور ہیں۔ ایسے میں نہ میں اُن کے کسی کام آ سکتی ہوں اور نہ وہ میرے لئے کچھ کر سکتے ہیں ؟ میں تو خود تم سے یہ کہنے والی تھی۔ لیکن پھر سوچا تمہیں دفتر جانا ہوتا ہے؟‘‘
’’دراصل میں نے ایک ہفتہ کی چھٹی لے رکھی ہے۔‘‘
’’ایک ہفتہ کی۔۔۔ واقعی!‘‘
’’جی ہاں اور اس میں اضافہ بھی ممکن ہے۔‘‘
’’نہیں۔۔۔ اس کی ضرورت نہیں ، تو تم ایسا کرو ایک ہفتہ کے لیے یہاں رُک جاؤ۔ تب تک عدالت کا فیصلہ آ جائے گا۔ میں پھانسی چڑھ جاؤں گی، تم واپس اپنے گھر چلی جانا۔‘‘
صفدر سوچ ہی رہا تھا کہ سمیہ کا دماغ درست ہو گیا ہے، لیکن اس نے پھر ایک بار اپنے پاگل پن کا ثبوت دے دیا تھا۔ 
سمیہ حمام میں گئی تو صفدر نے ثریا سے کہا۔ ’’اس کا دماغ پھر خراب ہو گیا۔ میری سمجھ میں نہیں آ رہا کہ آخر پاگل کون ہے؟ یہ پاگل ہے یا میں پاگل ہوں ؟‘‘
ثریا مسکرا کر بولی۔ ’’ہو سکتا ہے دونوں ہی پاگل ہوں۔‘‘ 
’’کیا تمہارا دماغ بھی اس کے ساتھ چل گیا ہے؟‘‘
’’ابھی تک تو درست ہے لیکن ایک ہفتہ بعد جب میں یہاں سے جاؤں گی، اُس وقت تم میرے دماغ کا معائنہ کروا لینا۔ مجھے یقین ہے کہ۔۔۔‘‘
صفدر نے جملہ کاٹ دیا۔ ’’دیوانوں کا پتہ چلانے کے لیے معائنہ کی ضرورت نہیں پڑتی۔ وہ اپنی دیوانگی کا ثبوت از خود وقتاً فوقتاً پیش فرماتے رہتے ہیں۔‘‘
سمیہ واپس لوٹ کر بولی۔ ’’کہیں آپ لوگ میرے بارے میں تو بات نہیں کر رہے تھے؟‘‘
دونوں یک زبان ہو کر بولے۔ ’’نہیں نہیں ، ایسی کوئی بات نہیں ہے۔‘‘
’’دیکھو میں تمہیں بتائے دیتی ہوں۔۔۔ مجھے پاگل سمجھنے کی غلطی نہ کر بیٹھنا، میں بے وقوف ضرور ہوں لیکن دیوانی نہیں ہوں۔ کیا سمجھے؟‘‘ سمیہ بالکل خضر کے لب و لہجے میں بات کر رہی تھی۔ ایسا لگتا تھا گویا خضر کی روح اس کے اندر سرایت کر گئی ہے۔ 
صفدر نے مسکرا کر کہا۔ ’’بھابی۔۔۔ کوئی دیوانہ ہی آپ کو دیوانہ سمجھے گا۔ خیر۔۔۔ اب آپ لوگ آرام کریں اور مجھے اجازت دیں۔۔۔ السلام علیکم۔۔۔ شب بخیر!‘‘
’’وعلیکم السلام۔۔۔ خدا حافظ!‘‘
صفدر کے چلے جانے کے بعد نہ جانے کیسے اپنے آپ خضر حیات کا ذکر چھڑ گیا اور رات دیر گئے تک دونوں سہیلیاں خضر کی یادوں اور باتوں میں مصروف رہیں اور نہ جانے کب نیند کی آغوش میں جا پہنچیں۔ 
دوسرے دن صبح ثریا نے ناشتہ تیار کیا لیکن ناشتے کی میز پر موضوع پھر گھوم گھام کر عدالت اور پھانسی کے پھندے کی جانب مڑ گیا۔ 
’’دیکھو ثریا۔۔۔ میں نے پہلی بار غصہ کی حالت میں اپنے آپ کو سزا دینے کی کوشش کی اور ناکام رہی، ہسپتال میں مجھے احساس ہوا کہ میں نے ایک گناہِ کبیرہ کی جرأت کی تھی۔‘‘
’’جی ہاں سمیہ! انسان کو اپنی غلطی کا احساس ہو جائے اور وہ اس پر نادم ہو۔۔۔ یہ بہت بڑی بات ہے۔‘‘
’’خدا کا شکر ہے اس نے مجھے بچا لیا اور توبہ اور استغفار کی توفیق دی۔۔۔ ورنہ میں تباہ و برباد ہو جاتی۔‘‘
’’توبہ کی توفیق تو بڑے نصیبے کی بات ہے۔ ہر کسی کے ساتھ یہ معاملہ نہیں ہوتا۔‘‘
’’جی ہاں۔ میں اس لحاظ سے خوش قسمت ہوں۔ لیکن کل تک مجھے اپنے جرم کی سنگینی کا اندازہ نہیں تھا۔ میرا ارادہ یہ تھا کہ میں خضر سے معافی تلافی کر کے اپنے دل کا بوجھ ہلکا کر لوں گی، سکندر کی خدمت کر کے اپنے گناہوں کا کفارہ ادا کر دوں گی۔۔۔ لیکن اللہ رب العزت نے مجھے ان دونوں چیزوں سے محروم کر دیا۔‘‘
ثریا کو سمیہ کی حکمت بھری باتوں سے خوشی ہو رہی تھی۔ وہ بولی۔ ’’جی ہاں بہن! یہ اس کی مرضی جس چیز سے چاہے سرفراز فرما دے اور جس سے چاہے محروم کر دے۔ اِس دُنیا کا کاروبار تو اُسی پاک پروردگار کی مرضیات کا تابع ہے۔ ہم بے یار و مددگار بندے کر بھی کیا سکتے ہیں ؟‘‘
’’تم صحیح کہتی ہو ثریا! اس کی مرضی کے خلاف تو کچھ نہیں کر سکتے۔ لیکن ایسا بھی نہیں کہ کچھ بھی نہیں کر سکتے۔ اگر چاہیں تو بہت کچھ کر سکتے ہیں۔‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ جو کچھ ہم کر سکتے ہیں وہ ہمیں کرنا چاہئے۔‘‘ ثریا نے تائید کی۔ 
’’میں بھی یہی سوچتی ہوں اور اسی لئے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اپنے گناہ کا کفارہ ادا کروں گی۔‘‘
ثریا سمجھ گئی۔ اب اس پاگل عورت کا ذہن پھر بہکنے لگا ہے۔ 
وہ بولی۔ ’’ٹھیک ہے۔۔۔ تم توبہ اور استغفار کا سلسلہ جاری رکھو، کفارہ ادا ہو جائے گا۔‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ ایسے نہیں ہو گا۔ اس کے لیے مجھے پھانسی کے پھندے پر چڑھنا ہو گا اور میں ضرور سولی چڑھوں گی۔ میں عدالت میں جا کر رہوں گی۔۔۔ اور میں۔۔۔ میں سزا پا کر رہوں گی۔‘‘
ثریا بولی۔ ’’ٹھیک ہے۔۔۔ جیسا تمہیں ٹھیک لگتا ہے ویسے ہی کرنا۔ صفدر آج اس بارے میں معلومات کرے گا کہ عدالت میں مقدمہ کیسے دائر کیا جاتا ہے؟ کون کون سے لوازمات پورے کرنے پڑتے ہیں ؟ اس لئے کہ وہ ایک ڈھیلا ڈھالا سرکاری نظام ہے۔ اس کے تمام تقاضوں کی تکمیل کئے بغیر ہمیں وہاں سے جزا یا سزا کچھ بھی نہیں مل سکتی۔‘‘
’’لیکن اس میں کتنا وقت لگے گا؟ میں چاہتی ہوں کہ یہ سب جلد از جلد نمٹ جائے۔‘‘
ہمارے چاہنے یا نہ چاہنے سے کیا ہو گا بہن؟ عدالت ہماری مرضی سے نہیں ، بلکہ قاضی کی مرضی سے چلتی ہے۔ جو دن وہ مقرر کر دے، فیصلہ نہ اس سے پہلے ہو سکتا اور نہ اس کے بعد کے لیے ٹل سکتا ہے۔ ہم تو فقط انتظار کر سکتے ہیں۔۔۔ انتظار۔۔۔ بس!‘‘
’’میں انتظار کرنے کے لیے تیار ہوں۔ لیکن مجھے اپنا فیصلہ چاہئے۔۔۔ اپنی قرار واقعی سزا۔۔۔ اس دنیا میں۔۔۔ اور اسی دنیا میں۔۔۔ میں اس بوجھ کے ساتھ زندہ نہیں رہ سکتی۔ میں اس بوجھ کے ساتھ اپنے ربّ کے سامنے نہیں جانا چاہتی ہوں۔ مجھے اس سے نجات حاصل کرنا ہی ہو گی اور میں ایسا کر کے رہوں گی۔‘‘ سمیہ کے لہجے میں پہاڑ کا سا اعتماد تھا۔ 
ثریا کو اب ڈر لگنے لگا تھا۔ اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ آخر اس کو سمجھائے تو کیسے سمجھائے؟ وہ بولی۔ ’’دیکھو، جو تم چاہو گی وہی ہو گا۔ ہم سے جو بن پڑے گا، ہم کریں گے۔‘‘
ثریا کا مطلب یہ تھا کہ ہم حتی الامکان کوشش کریں گے کہ ایسا نہ ہو لیکن وہ اپنی بات صاف صاف کہنے کی جرأت اپنے اندر نہیں پا رہی تھی۔ اس نے ارادہ کر لیا تھا کہ اس بابت صفدر سے تنہائی میں بات کرے گی۔ 
صفدر شام کو سمیہ کے گھر آیا تو دونوں سہیلیوں نے اس کا استقبال کیا۔ وہ دونوں خوش تھیں۔ حالانکہ ان دونوں نے صفدر کی آمد سے متضاد توقعات وابستہ کر رکھی تھیں۔ ایک چاہتی تھی کہ وہ زندگی کا پیغام لائے اور دوسری موت کی طلبگار تھی۔ 
چائے پینے کے بعد سمیہ نے پوچھا۔ ’’صفدر بھائی! آپ نے مقدمہ کے بارے میں کچھ معلوم کیا؟‘‘
صفدر بولا۔ ’’جی ہاں ! آج میں دفتر نہیں گیا۔ دن بھر اسی سلسلے میں مختلف لوگوں سے ملاقات کرتا رہا۔‘‘
’’اچھا! بہت خوب۔۔۔ تو کچھ بات بنی؟‘‘
’’بنی یا بگڑی۔۔۔ اس بابت تو میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ لیکن جو بات ہوئی وہ بتلا سکتا ہوں۔‘‘
’’یہ اچھا ہے۔‘‘ اس بار ثریا نے تائید کی، اس لئے کہ بات طے شدہ منصوبے کے مطابق آگے بڑھ رہی تھی۔ 
’’جی تو کیا ہوا؟‘‘
’’میں نے سب سے پہلے اپنے ایک وکیل دوست سے رابطہ کیا، اس لیے کہ عدالت نام کی جہنم کے داروغہ وہی لوگ ہیں۔ 
سمیہ کو عدالت کے لیے جہنم کا لقب ناگوار گزرا۔ لیکن اس نے درگزر کر دیا اور بولی۔ ’’بہت خوب۔۔۔ تو آپ کے دوست نے کیا رائے دی؟‘‘
 وہ بولا کہ ہم لوگ براہِ راست عدالت میں نہیں جا سکتے۔ سب سے پہلے ہمیں پولیس کے محکمہ میں جا کر اپنی شکایت درج کروانی ہو گی۔ 
’’شکایت؟ لیکن اگر مجھے کسی سے کوئی شکایت نہ ہو تو؟‘‘
’’میں نے بھی یہی سوال اپنے دوست سے کیا تھا۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو اس نے کیا کہا؟‘‘
’’وہ بولا، اگر آپ کو کسی سے کوئی شکایت نہیں ہے تو اس صورت میں آپ کو کسی مدد کی ضرورت بھی نہیں ہے۔ اس لئے بلا وجہ کوئی آپ کی مدد کیوں کرے گا؟‘‘
سمیہ کو معاملہ اُلجھتا ہوا اور ثریا کو سلجھتا ہو دکھائی پڑا۔ لیکن سمیہ ماننے والی کب تھی؟ وہ بولی۔ ’’نہیں ، مجھ سے عظیم غلطی سرزد ہوئی ہے۔ دراصل مجھے شکایت ہے؟‘‘
ثریا نے چونک کر پوچھا۔ ’’تمہیں کس سے شکایت ہے بھلا؟‘‘
’’مجھے۔۔۔ !! مجھے دراصل اپنے آپ سے شکایت ہے۔‘‘
’’اتفاق سے میں نے یہ سوال بھی پوچھ لیا تھا۔‘‘
’’اچھا یہ تو زبردست بات ہے۔‘‘ ثریا بولی۔ ’’ابھی سوال پیدا بھی نہیں ہوا اور جواب کا انتظام ہو گیا۔‘‘
سمیہ بولی۔ ’’یہ تو فطری امر ہے۔ قدرت کسی شہ کے وجود میں آنے کا انتظار نہیں کرتی بلکہ پیشگی اہتمام کر دیتی ہے۔ مثلاً نو مولود بچہ!‘‘
’’جی ہاں۔۔۔‘‘ صفدر نے کہا۔ ’’۔۔۔ اور ویسے بھی سراغ رسانی کا سارا نظام اور عدالت کی بیشتر بحث معروضی قیاسات پر منحصر ہوتی ہے۔‘‘
’’وہ کیوں ؟‘‘ سمیہ نے سوال کیا۔ 
’’اس لیے کہ جب حقیقت پردۂ راز میں ہو تو اُس تک رسائی کی خاطر کچھ نہ کچھ فرض کر کے آگے بڑھنا پڑتا ہے۔‘‘
’’اور پھر؟‘‘ ثریا کے اندر دلچسپی پیدا ہو رہی تھی۔ 
’’اور پھر شواہد کی روشنی میں اس بات کا پتہ لگایا جاتا ہے کہ جو قیاس کیا گیا تھا، وہ صحیح بھی تھا یا نہیں تھا؟‘‘ صفدر نے بتایا۔ 
’’لیکن آپ پولیس میں شکایت درج کروانے کی بات کر رہے تھے۔ اس میں کیا دقّت ہے؟ چلو وہیں سے ابتدا کرتے ہیں۔‘‘ سمیہ کے عزم و حوصلہ میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی تھی لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ثریا کا حوصلہ بڑھتا جا رہا تھا۔ وہ محسوس کر رہی تھی کہ سمیہ دھیرے دھیرے غیر محسوس طریقہ پر ایک مایا جال میں پھنستی جا رہی ہے۔ 
’’پولیس میں شکایت درج کرنے کے حوالے سے میں نے اپنے ایک جاننے والے تھانیدار سے بات کی ہے۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو اس نے کیا کہا؟‘‘
’’اُس نے بتایا کہ لوگ دوسروں کے خلاف تو شکایت کرتے ہیں لیکن خود اپنے خلاف کوئی شکایت کیسے کر سکتا؟‘‘
’’کیوں۔۔۔ ایسا کیوں ہے؟ شکایت کیوں نہیں کر سکتا؟‘‘
’’بھئی اگر انسان خود اپنے حق میں گواہی نہیں دے سکتا تو اپنے خلاف شکایت کیسے کر سکتا ہے؟ جس طرح ہر ملزم کو بیرونی شواہد کی ضرورت پڑتی ہے، اسی طر ح اس کو عدالت میں اپنا دفاع کرنے کے لئے ایک مدعی کی بھی ضرورت پڑتی ہے۔‘‘
سمیہ بولی۔ ’’صفدر بھائی معاف کیجئے۔۔۔ آپ نے جس تھانیدار سے بات کی، وہ نِرا احمق ہے۔ وہ نہ تو عدالت کے نظام کو جانتا ہے اور نہ اس مقدمہ کی نوعیت کو سمجھ سکا ہے۔‘‘
صفدر کو لگا کہ سمیہ اسے احمق کہہ رہی ہے اس لئے کہ یہ دلیل اس کے اپنے دماغ کی اُپج تھی جسے اس نے اپنے کسی شناسا سے منسوب کر دیا تھا
سمیہ بول رہی تھی۔ ’’اِس مقدمہ کی نوعیت مختلف ہے۔ یہاں چونکہ مدعی اور مدعا الیہ ایک ہی شخص ہے، اس لئے کسی جرح اور دفاع کی ضرورت ہی پیش نہیں آئے گی۔‘‘
’’یہی مشکل ہے، جس کا ذکر اس تھانیدار نے کیا تھا۔ دراصل ہر مقدمہ میں دو فریقوں کا ہونا ضروری ہوتا ہے، تاکہ ایک کے حق میں اور دوسرے کے خلاف فیصلہ ہو سکے۔ لیکن اس معاملے میں ایسا ممکن نہیں ہے۔  مدعی اور مدعا الیہ جدا جدا نہیں ہیں ، اس لئے دِقت پیش آ سکتی ہے۔ ممکن ہے مقدمہ قائم ہونے سے قبل ہی عدالت اُسے خارج کر دے۔‘‘ صفدر نے اپنے آپ کو سنبھالا۔ 
’’اچھا۔۔۔ اگر ایسا ہے تو آپ برائے کرم پتہ لگائیں کہ جو لوگ پولیس تھانے میں جا کر بذاتِ خود اپنے جرم کا اعتراف کر لیتے ہیں اور عدالت میں اقبالیہ بیان دے ڈالتے ہیں ، ان کا کیا بنتا ہے؟‘‘
تمہارا سوال معقول معلوم ہوتا ہے۔ شاید اُس تھانیدار نے اس قدر گہرائی میں جانے کی زحمت گوارہ نہیں کی۔ میرا خیال ہے کہ مجھے اپنے وکیل دوست سے پھر بات کرنی ہو گی۔ وہی ان سارے پہلوؤں پر روشنی ڈال سکے گا۔ ٹھیک ہے، میں کل یا پرسوں اس سے رابطہ کروں گا۔ اس لیے کہ دفتر والے شور مچا رہے ہیں۔ مجھے کل دفتر جانا ہی ہو گا۔‘‘
ثریا نے فوراً تائید کی اور بولی۔ ’’آج کل دفتر کے حالات ٹھیک نہیں۔ چونکہ بے روزگاری کافی بڑھ گئی ہے اس لئے افسران کا دماغ آسمان پر پہنچ گیا ہے۔ بات بات پر تادیبی کارروائی ہو رہی ہے۔‘‘
’’جی ہاں آپ دفتر کے معاملات کا خیال کریں۔۔۔‘‘ سمیہ نے تائید کی۔ ’’۔۔۔ اور جب فرصت ملے، اس کام کو آگے بڑھائیں۔‘‘
ثریا کو قدرے اطمینان ہوا۔ اس کا خیال تھا کہ بالآخر وقت کا مرہم سمیہ کے زخم کا مداوا کر دے گا۔ 



۴
عزمِ مصممّ


تین دن بعد جب صفدر دوبارہ سمیہ سے ملنے آیا تو سمیہ نے شکایت بھرے لہجے میں کہا۔ ’’لگتا ہے عدالتی سست رفتاری آپ پر بھی مسلط ہو گئی ہے۔‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ میں معذرت چاہتا ہوں ، مجھے کل ہی آنا چاہئے تھا۔‘‘
’’کوئی بات نہیں ! آپ بیٹھیں ، میں چائے بنا کر لاتی ہوں۔‘‘
سمیہ کے کمرے سے نکل جانے کے بعد ثریا بولی۔ ’’دیکھو صفدر۔۔۔ احتیاط سے کام لینا۔ سمیہ جیسی احمق نظر آتی ہے ویسی ہے نہیں۔‘‘ 
’’جی ہاں ! اس بات کا انکشاف تو مجھ پر تین روز قبل ہو گیا تھا، لیکن اسی کے ساتھ ایک اور بات بھی منکشف ہو گئی۔‘‘
’’وہ کیا؟‘‘
’’تم بھی جس قدر عقلمند نظر آتی ہو، ویسی۔۔۔‘‘ جملہ ادھورا رہ گیا۔ سمیہ چائے لے کر کمرے میں داخل ہو گئی۔ 
’’کیوں۔۔۔ آپ لوگ میرے بارے میں کوئی بات کر رہے تھے جو میرے آتے ہی بند کر دینی پڑی۔‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ یہ میرے بارے کچھ کہہ رہا تھا۔‘‘
’’اچھا! اگر اعتراض نہ ہو تو مجھے بھی بتا دو، ورنہ جانے دو۔۔۔ تمہاری مرضی؟‘‘
’’نہیں ، ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ یہ کہہ رہا تھا میں جیسی نظر آتی ہوں ویسی نہیں ہوں۔‘‘ ثریا نے چالاکی سے جملے سے عقلمند لفظ کو حذف کر دیا تھا۔ 
’’اچھا۔۔۔ اور میرے بارے میں کیا خیال ہے؟‘‘
’’تمہارے بارے میں بھی وہی خیال ہے۔‘‘ ثریا نے کہا، لیکن معمولی سی ترمیم اور اضافہ کے ساتھ۔ 
’’وہ کیا؟‘‘ سمیہ نے پوچھا۔ 
’’عقلمند اور احمق۔۔۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو میں سمجھ گئی۔ ہم میں سے ایک عقلمند ہے اور دوسرا احمق ہے۔۔۔ کیوں ؟
’’لیکن کون ہے احمق اور عقلمند کون ہے؟‘‘
ثریا بولی۔ ’’اس کے خیال میں جو بھی جو نظر آتا ہے وہ دراصل وہ نہیں ہے۔‘‘
’’لیکن کون کیا نظر آتا ہے اور کون کیا نہیں ہے؟ اس کا حتمی فیصلہ عدالت میں ہو گا۔‘‘
’’کون سی عدالت میں ؟‘‘
’’آخری عدالت، جس میں سارے فیصلے ہمیشہ کے لیے چکا دیے جائیں گے اور جس کے بعد کسی عدالت کی کوئی ضرورت باقی نہیں رہے گی اور ہر کوئی اپنے فیصلے سے مطمئن ہو جائے گا۔‘‘
’’خیر اُس مقدمہ سے قبل میرے اِس مقدمہ کے بارے میں بتاؤ، بات کہاں تک پہنچی؟‘‘
’’آپ کے مقدمہ کی بابت میرے دوست کا کہنا ہے کہ لوگ اپنی سزا کم کروانے کی خاطر اپنے جرم کا اعتراف تو کر لیتے ہیں ، انتظامیہ اس کو قرار واقعی سزا دلانے کی خاطر فریقِ ثانی بن جاتا ہے۔‘‘
’’تو بس۔۔۔ میرا مسئلہ حل ہو گیا۔ میں فریقِ اوّل ہوں اور انتظامیہ فریقِ ثانی۔۔۔ ان دونوں کے درمیان مقدمہ ہو گا۔ ایک کی جیت دوسرے کی ہار!‘‘
’’لیکن یہاں پھر ایک مشکل ہے۔ یہ دونوں فریق ایک دوسرے کی مخالفت کرتے ہیں۔ اس لئے اگر آپ سزا سے بچنے کی کوشش کریں گی تو وہ سزا دلانے کی کوشش کرے گا۔ اگر آپ سزا میں تخفیف کے لیے ہاتھ پیر ماریں گی تو وہ اس میں اضافہ کے لیے جد و جہد کرے گا۔‘‘ 
’’اور اگر یہ آگے بڑھ کر سخت سزا مانگے گی تو۔۔۔ ؟‘‘ یہ ثریا کا سوال تھا۔ 
’’تو اُس صورت میں انتظامیہ اسے ہرانے کی غرض سے سزا کم کرنے پر تل جائے گا۔‘‘
سمیہ اپنا سرکر پکڑ بیٹھ گئی۔ اُس کی سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ اس قدر سیدھی سی بات کیوں بار بار اُلجھ جاتی ہے؟ اس نے جھنجلا کر کہا۔ ’’تو میں کیا کروں ؟ مجھے بتلائیے کہ میں کروں تو کیا کروں ؟‘‘
ثریا بولی۔ ’’صفدر نے بات بتلا دی۔ اگر تم چاہتی ہو کہ انتظامیہ تمہیں سزا دلوائے تو تم خود کو سزا سے بچانے کی کوشش کرو۔‘‘
صفدر بولا۔ ’’وہی عقلمندی والی بات۔۔۔ جو میں نے ابھی ابھی کہی تھی۔۔۔ پھر سچ ہو گئی۔ اگر سزا سے بچنا ہی ہے تو انسان عدالت میں جائے ہی کیوں ؟‘‘
سمیہ نے کہا۔ ’’لیکن اس میں ایک بہت بڑا خطرہ یہ ہے کہ اگر عدالت میری بات مان کر مجھے بَری کر دے تو میں اپنے مقصد میں ناکام ہو جاؤں گی۔ میں ایک بار ناکام ہو چکی ہوں ، میں دوسری بار ناکام ہونا نہیں چاہتی۔ آپ کوئی ایسا راستہ نکالیں جس میں ناکامی کا کوئی امکان نہ ہو۔‘‘
’’اگر ایسا ہے تو مجھے دوسرے شہر میں جا کر ایک ماہرِ قانون سے بات کرنی ہو گی۔‘‘
’’آپ کو جو بھی کرنا ہے، کریں۔ اخراجات کی فکر نہ کریں۔ خضر کے فنڈ سروس کی کافی رقم بنک اکاوئنٹ میں جمع ہو چکی ہے، اور اگر مزید ضرور ت پیش آتی ہے تو میں اس گھر کو فروخت کر دوں گی۔ لیکن عدالت کا فیصلہ وہی ہونا چاہئے جو میں چاہتی ہوں۔‘‘
’’ٹھیک ہے، میں اس ہفتہ کے آخر میں چھٹی کے دن اس وکیل کے پاس جاؤں گا۔‘‘
صفدر ملک کے معروف وکیل جلول جلال کے کمرے میں بیٹھ کر سمیہ کی داستان سنا رہا تھا اور جلول جلال بڑے غور سے اس دلچسپ کہانی کو سن رہا تھا۔ وکیل جلول جلال ویسے بھی بہت ذہین آدمی تھا۔ وہ اپنے مؤکل کا چہرہ دیکھ کر اس کے جذبات و احساسات کو بھانپ جاتا تھا، ان کے جھوٹ کو پکڑ لیتا تھا۔ اس کی آنکھوں میں ایسی چمک پائی جاتی تھی کہ مؤکل تو درکنار۔۔۔ مخالف وکیل بھی اُن میں جھانکنے کی جرأت نہ کرتے تھے۔ جج صاحبان اس کی آنکھوں میں دیکھنے سے کتراتے تھے۔ لوگوں کا خیال تھا کہ اس کی آنکھوں سے مخصوص قسم کی شعاعیں نکلتی ہیں جس سے مخالفین کی عقل فوت ہو جاتی ہے۔ حالانکہ یہ سراسر بکواس بات تھی۔ اس کی کامیابی کا راز اس کی محنت و مشقت میں پنہاں تھا۔ وہ دولت کے لالچ میں کسی ایسے مقدمے میں ہاتھ نہ ڈالتا جس میں ناکامی یقینی ہوتی تھی۔ اس نے کئی بڑے لوگوں کے مقدمات کو اسی بنیاد پر ٹھکرا دیا تھا۔ ایک مرتبہ شہر کے مشہور صنعت کار کے مقدمے سے محض اس لئے دست بردار ہو گیا تھا کہ اسے دورانِ گفتگو یہ محسوس ہوا گویا اس پر مکمل اعتماد نہیں کیا جا رہا ہے۔ وکالت کے پیشے میں آنے سے قبل وہ جج تھا اور سیاسی دباؤ میں آنے  سے انکار کے سبب اسے اپنی ملازمت گنوانی پڑی تھی۔ جس مقدمہ کا فیصلہ اپنے حق میں کرانے کی خاطر وزیرِ مملکت اس پر دباؤ ڈال رہے تھے، ملازمت سے دستبردار ہو کر اس نے بلا معاوضہ اس صنعت کار کے خلاف پیروی کرتے ہوئے اس کے بد معاش بیٹے کو جیل بھجوایا جس نے اپنے گھر میں کام کرنے والی ملازمہ کی بیٹی کی آبرو ریزی کی تھی۔ جج بننے سے پہلے وہ شہر کے کالج میں وکالت پڑھایا کرتا تھا اور انتظامیہ کا خیال تھا کہ وہ قانون کم اور سیاست زیادہ پڑھاتا ہے۔ جب لوگوں نے یہ کہنا شروع کیا کہ وہ اپنی کم علمی کو چھپانے کی خاطر ایسا کرتا ہے تو اس نے انہیں غلط ثابت کرنے کی غرض سے جج بن کر دکھا دیا۔ 
صفدر کی بات سننے کے بعد وکیل جلول جلال بولا۔ ’’میں نے بہت سارے مقدمات کی پیروی کی ہے، بہت سوں کے فیصلے کئے ہیں ، لیکن ہر مقدمے میں مدعی اپنے آپ کو سزا سے بچانے کے لیے ہاتھ پیر مارتا رہا ہے۔ اس مرتبہ صورتحال یکسر مختلف ہے اور دلچسپ بھی ہے۔ میری سمجھ میں یہ نہیں آ رہا کہ آخر اپنے مؤکل کو سزا دلانے کی خاطر کیسے لڑا جائے؟‘‘ کافی کی چسکی لینے کے بعد جلول بولا۔ ’’ایک ترکیب ہے۔۔۔ ! اس مقدمے کو لینے سے پہلے میں خضر کے بارے میں جاننا چاہتا ہوں۔‘‘
’’خضر۔۔۔ وہ کہاں سے بیچ میں آگیا؟ اس کا اب مقدمے سے کیا تعلق؟ یہ تو سمیہ کا معاملہ ہے؟‘‘ صفدر نے سوال کیا۔ 
’’کیسی احمقانہ باتیں کرتے ہو! کیا نام بتا یا تھا تم نے اپنا۔۔۔ ؟‘‘
’’صفدر!‘‘ صفدر جھینپ کر بولا۔ 
’’ہاں ہاں۔۔۔ صفدر۔۔۔ اس مقدمے سے خضر کو نکال دو تو مقدمہ ہی نہیں بنتا۔‘‘
’’لیکن خضر تو مر چکا ہے؟‘‘
’’اِسی لئے تو مقدمہ بنا ہے۔ اگر سمیہ کو اس میں سے ہٹا دیا جائے تو بھی خضر کی غیر فطری موت کے لیے کسی کو سزا دلائی جا سکتی ہے۔‘‘
’’کسی کو۔۔۔ ؟ کیا مطلب ؟ کس کو آپ سزا دلوانا چاہتے ہیں ؟‘‘
’’کسی کو بھی۔۔۔ جس کو سمیہ چاہے۔۔۔ اور وہ تم بھی ہو سکتے ہو اور ثریا بھی ہو سکتی ہے۔‘‘
’’میں اور ثریا۔۔۔ !! کیسی باتیں کرتے ہیں آپ وکیل صاحب؟‘‘ صفدر نے گھبرا کر اپنا دفاع کیا۔ 
’’کیوں۔۔۔ ؟ تم اس کے دوست تھے، اس کے گھر آتے جاتے تھے۔ ہو سکتا ہے تم نے ہی اسے جلا کر مار دیا ہو؟ کیا یہ نہیں ہو سکتا؟‘‘
’’اچھا۔۔۔ !! اگر میں نے خضر کو مار ڈالا تو بھلا سمیہ کیوں جھلس گئی؟‘‘
’’سمیہ اپنے خاوند کو بچانے کی کوشش میں جھلس گئی یہ تو فطری بات ہے؟‘‘
’’اور سکندر ؟‘‘
’’اس کا کیا۔۔۔ وہ نادان بچہ ہے، وہ اپنی ماں سے بے ساختہ لپٹ کر جل گیا۔‘‘
’’لیکن وکیل صاحب۔۔۔ آپ مجھے اس معاملے میں کیوں اُلجھا رہے ہیں ؟ میں تو بس سمیہ کی مدد کرنے آیا تھا۔‘‘
’’دیکھو، سمیہ جو مدد چاہتی ہے، اس کے لیے کسی اور کو اس میں پھنسانا ضروری ہے، اور وہ تم ہو سکتے ہو یا ثریا ہو سکتی ہے؟‘‘
’’لیکن ہم دونوں تو اس کے سب سے اچھے دوست تھے۔‘‘
’’دُنیا میں اکثر و بیشتر قتل کے واقعات کسی نہ کسی دوست و شناسا کے ذریعہ ہی ہوتے ہیں۔ اس میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔‘‘
’’لیکن قتل کی کوئی وجہ بھی تو ہونی چاہئے؟‘‘
’’اب تم نے عقلمندی والی بات کہی۔ قتل کا فیصلہ وجہ کی بنیاد پر ہی ہوتا ہے۔ قتل کی واردات کے پسِ پردہ وجوہات ہی سراغ رسانوں کو مجرم تک پہنچا دیتی ہیں اور معصوموں کو بری کروا دیتی ہیں۔‘‘
’’لیکن وکیل صاحب۔۔۔ آپ نے بلا وجہ مجھے اس مقدمے میں پھنسا کر ڈرا ہی دیا تھا۔‘‘
’’ابھی پھنسایا کہاں ہے؟ جب تک تم عدالت کے کٹہرے میں ملزم کے طور پر کھڑے نہیں ہوتے، تب تک تمہیں اپنے آپ کو پھنسا ہوا کہنے کا حق نہیں ہے۔‘‘
’’ارے وکیل صاحب! آپ پھر میرے پیچھے پڑ گئے؟ میں بھلا اس جھمیلے میں کیوں اور کہاں سے آگیا؟‘‘
’’تم کہاں سے آئے ہو، اس کا بھی تمہیں پتہ ہے؟ اور کیوں آئے، یہ بھی تم جانتے ہو؟ اگر تم واقعی سمیہ کو سزا دلوانا چاہتے ہو تو اس کے لیے تمہیں ملزم کے کٹہرے میں کھڑا ہونا ہی پڑے گا؟‘‘
’’وکیل صاحب! میں آپ کی بات نہیں سمجھا؟ مجھ پر کون الزام لگائے گا اور کیوں ؟‘‘
’’تم پر سمیہ الزام لگائے گی اور اپنے آپ کو سزا دلوانے کے لیے اُسے یہ ڈرامہ کرنا ہو گا۔‘‘
’’لیکن اُس سے کیا ہو گا؟‘‘
’’اُس سے اسے ایک سرکاری وکیل مل جائے گا جو تمہارے خلاف اس کی پیروی کرے گا۔‘‘
’’اور میں پھانسی چڑھ جاؤں گا؟‘‘ صفدر نے قہقہہ لگا کر کہا۔ 
’’دیکھو صفدر۔۔۔ اگر سرکاری وکیل اتنے ہی ذہین ہوتے تو ہم لوگوں کا دھندہ ہی چوپٹ ہو جاتا۔‘‘
’’اچھا! تو پھر کیا ہو گا؟‘‘
’’وہی ہو گا جو منظورِ خدا ہو گا۔‘‘ اس بار وکیل جلول جلال نے زوردار قہقہہ لگایا۔ 
صفدر کو لگا کہ واقعی وہ پھانسی پر چڑھا دیا جائے گا۔ وہ بولا۔ ’’وکیل صاحب! آپ میری جان کے دشمن کیوں بن گئے؟ میں تو آپ سے مدد لینے کی خاطر آیا تھا۔‘‘
’’اب تم نے کام کی بات کہی۔ میں تمہاری مدد اُسی وقت کر سکوں گا جب تم گرفتار ہو کر عدالت میں پیش کئے جاؤ گے اور سمیہ کے خلاف میں تمہارا مقدمہ لڑوں گا۔‘‘
’’اور۔۔۔ ؟‘‘
’’اور تمہیں بے گناہ ثابت کر کے رِہا کروا دوں گا۔‘‘
’’سو تو میں اب بھی ہوں۔۔۔ اس کے لیے اس قدر زحمت کی ضرورت کیوں ؟‘‘
’’ضرورت ہے۔ میں اپنے مؤکل صفدر کو نہ صرف رِہا کرواؤں گا، بلکہ اصل مجرم یعنی سمیہ کو سزا دلواؤں گا۔ اس سے سمیہ کا بھی کام ہو جائے گا اور تمہارا بھی۔‘‘
’’اور آپ کا بھی!!‘‘ صفدر چہک کر بولا۔ ’’آپ کو فیس بھی تو ملے گی۔‘‘
’’کیوں نہیں ، وہ تو میرا محنتانہ ہے۔‘‘
’’لیکن اس میں کون سی اتنی بڑی بات ہے؟‘‘
’’اچھا! لیکن دیکھو اسے معمولی بات سمجھ کر کسی سستے سے وکیل کو نہ کر لینا جو سرکاری وکیل سے مقدمہ ہار جائے اور تمہیں تختہ دار پر پہنچا دے۔‘‘
صفدر کی ریڑھ کی ہڈی میں سر سری سی دوڑ گئی۔ اُسے واقعی لگا کہ اس کے لیے پھندہ تیار کیا جا رہا ہے۔ وہ بولا۔ 
’’وکیل صاحب! یہ ایک نہایت مشکل راستہ ہے۔ کیا کوئی سہل طریقہ نہیں اس معاملے کو سلجھانے کا؟‘‘
’’کیوں صفدر اعظم۔۔۔ ایسا لگتا ہے تم ڈر گئے ہو۔ تمہیں شاید پتہ نہیں کہ میں ایسے لوگوں کے مقدمے نہیں لڑتا جو مجھ پر مکمل اعتماد نہیں کرتے۔‘‘
’’لیکن وکیل صاحب۔۔۔ ؟‘‘
’’شاید تمہیں یہ نہیں پتہ کہ میں نے آج تک کسی مقدمے میں شکست کا منہ نہیں دیکھا۔‘‘
’’مجھے پتہ ہے۔ اسی لئے میں اس قدر طویل سفر کر کے آپ کی خدمت میں آیا ہوں۔ اچھا تو اب ہمیں کیا کرنا ہو گا؟‘‘
’’یہ ہوئی نا بات کام کی؟ سب سے پہلے تو مجھے اپنی پیشگی فیس ادا کرنی ہو گی۔ اس کے بعد وکالت نامے پر دستخط ہوں گے اور پھر سمیہ کو جا کر پولیس تھانے میں تمہارے خلاف مقدمہ درج کروانا ہو گا۔‘‘
’’اور اس کے بعد؟‘‘
’’اُس کے بعد کا سارا کام انتظامیہ۔۔۔ میرا مطلب ہے پولیس اور عدالت کرے گی اور بالآخر سمیہ کو سزا ہو جائے گی۔۔۔ تم رِہا ہو جاؤ گے۔‘‘
’’لیکن اگر۔۔۔ ؟‘‘ صفدر رُک گیا۔ 
’’کیا مطلب؟‘‘ وکیل جلول جلال نے تنک کر پوچھا۔ 
صفدر بولا۔ ’’کچھ نہیں۔ اگر سمیہ کو سزا نہیں ہوئی تو؟‘‘
’’تمہیں ہو جائے گی۔۔۔ کسی نہ کسی کو تو سزا ہونی ہے۔‘‘
’’وکیل صاحب۔۔۔ آپ بہت دل لگی کرتے ہیں ، اور ڈرا دیتے ہیں۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو تم ابھی ڈرے ہوئے ہو یا نہیں ؟‘‘
’’ہوں بھی اور نہیں بھی۔ میں کوئی فیصلہ کرنے سے قبل سمیہ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آخر وہ کیا چاہتی ہے؟‘‘
’’جی ہاں ! اس سے پوچھ لو کہ وہ واقعی پھانسی پر چڑھنا چاہتی ہے تو یہی ایک راستہ ہے اور اگر نہیں تو چپ چاپ اپنے گھر میں بیٹھی رہے۔‘‘
صفدر نے مسکرا کر اجازت طلب کی اور جلد ہی لوٹ کر آنے کا وعدہ کر کے چل دیا۔ 
راستہ بھر صفدر کے ذہن میں وکیل جلول جلال کا جملہ۔۔۔ مذاق میں کہا ہوا جملہ گھومتا رہا۔۔۔ ’’سمیہ کو نہیں تو تمہیں ہو جائے گی، کسی نہ کسی کو تو سزا ہونی ہی ہے؟‘‘



۵
خیالی مقدمہ


صفدر نے واپس لوٹنے کے بعدسب پہلے ثریا سے ملاقات کی۔ اُسے وکیل جلول جلال کے مجوزہ منصوبے سے آگاہ کیا۔ 
ثریا کو یہ سب نہایت خطرناک معلوم ہوا۔ وہ بولی۔ ’’چھوڑو ہٹاؤ۔۔۔ یہ وکیل تو مجھے جاسوسی ناولوں کا مصنف لگتا ہے یا کوئی پاگل انسان۔ تم ایسا کرو کہ اسے بھول جاؤ۔‘‘
’’وہ تو ٹھیک ہے لیکن اس دیوانی سمیہ کا کیا کریں ؟ وہ تو نہیں بھولتی۔‘‘
’’تم اُسے سب کچھ بتلا دو، مجھے یقین ہے کہ وہ بھی اس احمقانہ خیال کو مسترد کر دے گی۔‘‘
ثریا کا خیال غلط نکلا۔ جب صفدر سمیہ کو ساری بات بتلا چکا تو اس نے پوچھا۔ ’’صفدر! اس شہر میں اتنے سارے وکلاء کے ہوتے ہوئے تم نے اِتنے دُور دراز کا سفر کیوں کیا؟‘‘
یہ ایک ایسا سوال تھا جس کا بظاہر وکیل جلول جلال کی تجویز سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ 
صفدر نے جواب دیا۔ ’’سمیہ! تمہارا اصراراس بات پر تھا کہ تم کسی حالت میں ناکامی کا منہ نہیں دیکھنا چاہتیں۔ اس لئے میں نے مختلف وکلاء کے بارے میں معلومات حاصل کیں  اور مجھے پتہ چلا کہ ملک میں یہی ایک ایسا وکیل ہے جو کبھی بھی شکست سے دوچار نہیں ہوا اور یہی وجہ تھی جو مجھے اس کے پاس لے گئی۔‘‘
’’اگر ایسا ہے تو ہمیں اس کی بات مان لینی چاہئے۔ اس لئے کہ میں یہی چاہتی ہوں کہ اس بار کامیابی یقینی ہو۔‘‘
ثریا نے سمیہ کے منہ سے یہ سنا تو وہ ہکا بکا رہ گئی۔ ’’سمیہ! یہ تم کیا کہہ رہی ہو ؟ تم صفدر کے خلاف فرضی مقدمہ دائر کرو گی؟ اس پر جھوٹا الزام لگاؤ گی؟‘‘
’’جی ہاں ، میں اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کرنے کی خاطر کچھ بھی کر سکتی ہوں ، بشرطیکہ صفدر کو اس پر اعتراض نہ ہو اور وہ میرا تعاون کرنے پر راضی ہو۔‘‘
’’لیکن اگر خدا نخواستہ۔۔۔‘‘ ثریا کی زبان گنگ ہو گئی۔ 
سمیہ بولی۔ ’’مجھے یقین ہے کہ جو تم سوچ رہی ہو، وہ سب  نہیں ہو گا۔ وکیل جلول جلال مجھے یقیناً تختہ دار تک پہنچانے میں کامیاب ہو جائے گا۔‘‘ وہ اس قدر آرام سے یہ کہہ رہی تھی گویا تختہ دار نہیں بلکہ گلے کے ہار کا ذکر کر رہی ہو۔ 
ثریا بولی۔ ’’سمیہ! مجھے لگتا ہے کہ اس طرح معاملہ کافی اُلجھ جائے گا۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ یہ اس قدر پھیلے کہ صورتحال ہمارے بس سے باہر ہو جائے۔‘‘
’’مجھے اس کا امکان نہیں لگتا۔ وکیل جلول جلال تو مقدمات کو دشمن کے جبڑے سے چھین کر لے آتا ہے۔ یہاں چونکہ سب کچھ اس کے منصوبے کے مطابق ہو گا کسی گڑبڑ کا کوئی اندیشہ کیوں کر ہو سکتا ہے؟ صفدر تم کیا سوچتے ہو؟‘‘
’’بات دراصل یہ ہے کہ جو کچھ ہو گا وہ ظاہر ہے ایک ڈرامہ ہی ہو گا۔ اندر کی اصلی بات سے تو ہم سب واقف ہیں۔ چونکہ اس مقدمہ میں ہار ہی اصل جیت ہے اس لئے مجھے کوئی خطرہ نظر نہیں آتا۔‘‘ 
ثریا بولی۔ ’’میرے پاس تم لوگوں کی بات ردّ کرنے کے لیے کوئی ٹھوس دلیل تو نہیں ہے۔ پھر بھی مجھے لگتا ہے کہ ہم لوگ خطروں سے کھیل رہے ہیں۔ اس دُنیا میں سب کچھ انسان کی اپنی توقعات کے مطابق نہیں ہوتا، اس لئے ہمیں احتیاط سے کام لینا چاہئے۔ ویسے کیا امکانات ہیں کہ کب تک مقدمے کا فیصلہ ہو جائے گا؟‘‘
’’وکیل جلول جلال جن مقدمات کی پیروی کرتا ہے، اس کے فیصلے بہت جلد آ جاتے ہیں۔ لوگوں کو یقین ہوتا ہے کہ فیصلہ تو بالآخر اس کے حق میں ہونے والا ہے، اس لئے بلاوجہ تاخیر سے کیا حاصل ہے۔ میرا خیال ہے کہ اگر یہ معاملہ دو چار ماہ طویل بھی ہو جائے تو یہ بڑی بات ہو گی۔‘‘
’’اگر ایسا ہے تو بڑی اچھی بات ہے۔۔۔‘‘ سمیہ بولی۔ ’’صفدر۔۔۔ ! تمہیں چار ماہ زحمت اُٹھانی پڑے گی اور اس کے بعد میرا فیصلہ آ جائے گا۔ میں چل پڑوں گی اور پھر آپ لوگوں کو مجھ سے اور میری پریشانیوں سے ہمیشہ کے لیے نجات مل جائے گی۔‘‘
’’سمیہ! تم یوں نہ کہو۔ تمہاری وجہ سے ہمیں کوئی پریشانی نہ پہلے تھی اور نہ اب ہے۔ نیز آگے بھی نہیں ہو گی۔ بلکہ اب بھی ہماری رائے یہ ہے تم اپنے اس فیصلے پر نظرِ ثانی کرو۔ ہمارا خیال یہ ہے کہ تم بلاوجہ ایک انتہائی قدم اُٹھانے جا رہی ہو۔ جو ہو چکا سو ہو چکا۔۔۔ وہ مقدر کا لکھا تھا، جسے ٹالنا کسی کے لیے ممکن نہیں تھا۔ اب اسے بھلا کر آگے کی زندگی کے بارے میں مثبت انداز میں سوچو۔‘‘
ثریا نے جب اپنی بات ختم کی تو سمیہ بولی۔ ’’دیکھو بہن! میں تمہارے جذبات کی قدر کرتی ہوں ، تم لوگوں کی ہمدردی و غم خواری بے مثال ہے۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا اس جرمِ عظیم کے بعد تم لوگ میری جانب حقارت سے بھی دیکھنا گوارہ نہ کرتے، بلکہ خود میرے خلاف مقدمہ قائم کر کے مجھے موت کی سزا دِلواتے۔ لیکن اس کے بجائے تم نے مجھے زندہ رکھنے کی۔۔۔ بلکہ خوش رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ میں اس کی نا قدری نہیں کر سکتی۔ میں ان کا احترام کرتی ہوں۔ لیکن اتفاق سے آج کی تاریخ میں جو کچھ میں چاہتی ہوں ، اور جو تم لوگ چاہتے ہو، وہ نہ صرف مختلف بلکہ متضاد ہے۔ مجھے اس کا بے حد افسوس ہے لیکن ساتھ ہی میری گزارش ہے کہ اسے ایک عارضی مسئلہ سمجھ کر برداشت کر لیا جائے۔‘‘
سمیہ کی آواز رُندھ گئی اور صفدر اور سمیہ پسیج گئے۔ صفدر بولا۔ ’’دیکھو سمیہ۔۔۔ ! ہم تمہیں خوش دیکھنا چاہتے ہیں ، اور ہم وہی کریں گے جو تمہیں پسند ہو۔ ہم کبھی بھی اپنی مرضی تم پر تھوپ کر تمہیں ناراض نہ کریں گے۔‘‘ ثریا نے صفدر کی خاموش تائید کی اور سمیہ نے آنکھوں آنکھوں میں دونوں کا شکریہ ادا کیا۔ تینوں لوگ دیر تک یوں ہی خاموش بیٹھے رہے۔ 
خضر کا بھوت پھر سے زندہ ہو چکا تھا۔ سارے شہر میں اس مقدمے کا چرچا تھا۔ ایک دوست کی غداری اور ایک وفا شعار بیوی کی تعریف و توصیف ہر کوئی کر رہا تھا۔ لوگوں میں چہ می گوئیاں ہو رہی تھیں کہ کس طرح ایک معمولی سے اختلاف کے باعث آنے والا غصہ دیرینہ دوست کی موت کا سبب بن سکتا ہے؟ کس طرح ایک بیوی، جس کا معصوم بچہ موت اور زندگی کے درمیان ہچکولے کھا رہا ہے اور جو بذاتِ خود دو ماہ کا عرصہ موت سے کشمکش میں گزار چکی ہے، اپنے مرحوم شوہر کے قاتل کو سزا دلوانے کے لیے بر سرِپیکارہے۔ سارے ٹیلی ویژن چینلس پر یہ خبر مختلف انداز میں نشر ہو رہی تھی۔ کوئی زورِ بیان سے کام لے رہا تھا تو کوئی فرضی تصاویر کی مدد سے قتل کو سچ ثابت کر رہا تھا تو کچھ چینل والے ایسے بھی تھے جو مختلف متعلقہ اور غیر متعلقہ لوگوں کے بیانات کو توڑ مروڑ کر من گھڑت کہانیاں سنا نے میں مصروف تھے۔ اخبارات بھی طرح طرح سے اس خبر کے ذریعہ اپنی اپنی دُوکان چمکا رہے تھے۔ اس سارے معاملہ سے سب سے زیادہ لطف وکیل جلول جلال اُٹھا رہا تھا۔ اس لئے کہ یہ ساری کہانی اس کے اپنے دماغ کی اُپج تھی۔ لوگ اس سے انٹرویو لے رہے تھے اور اسے ایک قاتل کو بچانے کی کوشش کرنے کے لیے لعن طعن بھی کر رہے تھے۔ لیکن وہ بغیر کسی کی بات کا بُرا مانے نہایت خندہ پیشانی کے ساتھ تمام سوالات کے جواب دیتا جاتا تھا۔ اس سے پہلے اسے دوران سماعت کبھی کبھار اس بات کا اندیشہ لاحق ہو جایا کرتا تھا کہ کہیں فریقِ مخالف کا پلہ بھاری نہ ہو جائے اور اس کا ریکارڈ نہ ٹوٹ جائے۔ لیکن اس بار ایسا کوئی امکان نہیں تھا۔ اس مرتبہ تو وہ ایک نورا کشتی لڑ رہا تھا۔ ایک فکس میچ کھیل رہا تھا جس میں جیت ہار کا فیصلہ کھیل کے آغاز سے قبل ہی ہو چکا تھا۔ اُس کی تو پانچوں اُنگلیاں گھی میں تھیں ، اس لئے کہ مقدمہ کی کامیابی اور فیس کی باریابی، دونوں سو فیصد یقینی تھی۔ ویسے بھی  وکیل کی فیس کا کامیابی یا ناکامی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ہے۔ ہر دو صورت میں یکساں کمائی ہو جاتی ہے۔ اس کے باوجود اس قدر پیشگی رقم اس سے پہلے وکیل جلول جلال کو پہلے کبھی  نہیں ملی تھی۔ جلول جلال کا کام حکومت نے مزید آسان کر دیا تھا۔ عدالت نے اس کے خلاف کالج سے نکل کر آنے والے ایک نا تجربہ کار سرکاری وکیل ظفر اقبال کا تقررسمیہ کی پیروی کے لیے کر دیا۔ اگر سمیہ کی جگہ کوئی اور مدعی ہوتا تو اس عدالتی لاپرواہی کے خلاف آواز بلند کرتا۔ لیکن سمیہ نے ایسا کچھ بھی نہیں کیا اور کرتی بھی کیوں ؟ اسے مقدمہ جیتنا ہی کب تھا۔ وہ تو بس برائے نام ہارنے کے لیے مقدمہ لڑ رہی تھی۔ 
لیکن ظفر اقبال ایک مختلف مزاج کا نوجوان تھا۔ گو کہ اس نے امتحانات میں بہت اچھے نمبر نہیں حاصل کئے تھے اسی لئے کسی بڑی قانون کا بیوپار کرنے والی کمپنی میں اُسے ملازمت نہیں مل سکی تھی۔ لیکن وہ تھا نہایت ذہین اور حاضر جواب۔ اس کے دوست کہتے تھے کہ ’’یار تیرا دماغ ہے یا کمپیوٹر، جو بیٹھے بٹھائے اتنی دُور کی کوڑی لے آتا ہے۔‘‘ اور ان کے جواب میں ظفر مسکرا کر کہتا۔۔۔ ’’بھئی کمپیوٹر بھی تو کسی دماغ والے نے بنایا ہے اور میرا دماغ اس کمپیوٹر بنانے والے سے زیادہ تیز ہے۔ اگر یقین نہ آتا ہو تو مقابلہ کروا کر دیکھ لو۔‘‘ خوش مزاجی اور سادگی اس کا خاصہ تھا۔ اسے اپنے سرکاری وکیل ہونے پر کوئی افسوس نہ تھا اس کی سادہ زندگی کے لیے سرکاری وکیل کی تنخواہ کافی تھی۔ وہ عدالت کے دروازے پر کھڑے ہو کر گاہکوں کے پیچھے بھاگنے یا کسی بد دماغ سینئر وکیل کی ڈانٹ پھٹکار سننے پر اپنی سرکاری وکالت کو ترجیح دیتا تھا۔ عام طور سے نئے وکلاء کو چھوٹی موٹی چوری چکاری کے مقدمات سے پالا پڑتا تھا۔ لیکن ظفر اپنے آپ کو اس لحاظ سے خوش قسمت سمجھتا تھا کہ اُسے پہلی بار میں قتل کا مقدمہ مل گیا۔ کئی سرکاری وکیل تو ساری عمر اِس موقع سے محروم رہتے تھے۔ اس لئے کہ قتل کے مقدمے میں ملوث دونوں فریقوں میں سے کسی کو سرکاری وکیل پر اعتماد نہ ہوتا۔ سب اپنا اپنا ذاتی وکیل کھڑا کر دیتے اور سرکاری وکیل منہ دیکھتا رہ جاتا۔ اس کے علاوہ ظفر کا ابتدا ہی میں مشہورو معروف وکیل جلول جلال سے پالہ پڑا تھا، جس کا چرچا سارے ملک میں تھا لیکن اس کے باوجود وہ دیگر وکیلوں کی طرح بالکل بھی مرعوب نہیں تھا۔ اس کو اپنی ساکھ  گنوانے کا بھی کوئی خدشہ نہیں تھا، اس لئے کہ وہ ابھی قائم ہی نہیں ہوئی تھی۔ اس منفرد قسم کے مقدمے سے ظفر اقبال کو بھی شہرت ملنے لگی تھی۔ کبھی کبھار ٹیلی ویژن پر اس سے بات چیت بھی نشر ہو جاتی تھی۔ ویسے اس میں شک نہیں کہ جب کبھی وہ  ناظرین  کے سامنے آیا تھا، لوگ اس سے متاثر ہوئے بنا نہیں رہ سکے تھے۔ 
سمیہ سے اس کی پہلی ملاقات عدالت سے متصل وکیلوں کے ہال میں ہوئی تھی۔ اس نے سمیہ کی ساری باتیں سنیں اور ان سب پر یقین کرتا چلا گیا۔ ظفر کو سمیہ کا ہر جھوٹ صد فیصد سچ معلوم ہو رہا تھا اور وہ بلا چوں چراں اس پر یقین کرتا جا رہا تھا۔ اس کو سمیہ ایک ابلا ناری دِکھائی پڑتی تھی۔ اس نے سمیہ کو یقین دلایا کہ وہ صفدر کو پھانسی پر چڑھانے کی خاطر اپنی جان کی بازی لگا دے گا۔ سمیہ ایک لمحہ کے لیے اس کی خوداعتمادی سے گھبرا گئی۔ اس کے بغل میں بیٹھی ثریا کا جی چاہا کہ ساری حقیقت ظفر کے سامنے واضح کر دے اور اُسے کہے کہ اس معاملے کو اس قدر سنجیدگی سے لینے کی ہرگز ضرورت نہیں۔ وہ تو بس رسمی طور پر اپنی ذمہ داری کو ادا کرتا رہے۔ لیکن وکیل جلول جلال کی بڑی سخت ہدایت تھی کہ وہ لوگ کوئی بھی حرکت اس کے بتلائے ہوئے طریقہ کے خلاف نہیں کریں گے۔ کوئی بات اس سے پوچھے بغیر نہیں بولیں گے وگرنہ وہ مقدمے سے الگ ہو جائے گا۔ اس لئے ثریا نے بڑی مشکل سے خود کو قابو میں رکھا اور خاموش رہی۔ 
ثریا نے جلول جلال سے جب اِس بابت استفسار کیا  تو وہ بالکل ہتھے سے اُکھڑ گیا اور ڈانٹتے ہوئے بولا۔ ’’تم نے ایسا سوچنے کی جرأت ہی کیسے کی؟‘‘ انداز تو ایسا تھا گویا کچھ کرنا تو درکنار سوچنا بھی گناہِ کبیرہ ہو۔ 
دونوں سہیلیوں کو جلول جلال کا رویہ ناگوار گزرا۔ سمیہ نے دبے لفظوں میں احتجاج کیا۔ 
’’وکیل صاحب آپ بلا وجہ ناراض ہو رہے ہیں۔ ثریا نے کوئی اقدام تو نہیں کیا۔ بس ایک خیال تھا جو ذہن میں آیا اور اس پر آپ سے تبادلہ خیال کر رہی ہے۔‘‘
جلول جلال نے لاپرواہی سے جواب دیا۔ ’’دیکھو۔۔۔ اس طرح کے مقدمات میں معمولی سی خطا بھی سارا کھیل بگاڑ سکتی ہے۔ اگر یہ اپنی بات کہہ چکی ہوتی تو میں ناراض ہونے کے بجائے مقدمے سے الگ ہو جاتا۔ آپ لوگوں کو یہ بات یاد رکھنی ہو گی کہ آپ کا وکیل جلول جلال کبھی بھی شکست سے دوچار نہیں ہوا ہے اور نہ ہو گا۔ آپ لوگوں کو اس پر اعتماد کرنا ہو گا، نیز میں یہ بھی واضح کر دوں کہ ظفر اقبال جیسے لونڈوں سے مرعوب ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ میں نے اس جیسے کئی نو واردوں کو دیکھا ہے۔ مقدمے میں کامیابی کے لیے صرف جوش و ولولہ کی نہیں بلکہ تجربہ اور ہوش کی ضرورت پڑتی ہے۔ ویسے اگر اس میں تھوڑی بہت عقل ہوتی تو جلول کے جلال سے خود کو  محفوظ رکھنے کی خاطر اس مقدمے سے الگ ہو جاتا اور آپ لوگوں کی باتوں پر یقین کر لینے سے پہلے ان کو جانچتا اور پرکھتا! کیا سمجھیں ؟‘‘
وکیل جلول جلال کے دلائل کے آگے قاضیِ شہر بھی بے بس نظر آتا تھا، تو اُن دونوں کی کیا اوقات؟ با دلِ ناخواستہ معذرت طلب کر کے سمیہ اور ثریا نے گھر کی راہ لی۔ 


۶

خواب دَر خواب


ظفر اقبال نے اس مقدمے کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیا تھا۔ دن رات اس کے بارے میں پڑھتا رہتا یا سوچتا رہتا۔ ایک دن اسی طرح مماثل مقدمات کے بارے میں پڑھتے پڑھتے وہ سوگیا، تو خواب میں کیا دیکھتا ہے کہ وہ عدالت میں وکیل جلول جلال کے مدمقابل کھڑا ہو ا ہے۔ جلول جلال کے چہرے پر گھبراہٹ طاری ہے۔ کٹہرے میں سر جھکائے مایوس و غمگین صفدر بیٹھا ہوا ہے۔ جج صاحب اپنا فیصلہ سنا رہے ہیں۔ سمیہ کے ہونٹوں پر خفیف سی مسکراہٹ ہے۔ ثریا خوشی سے پھولی نہیں سما رہی ہے اور سکندر اس کی گود میں کھیل رہا ہے۔ مقدمے کے آخری جملے کے ساتھ چہار جانب اندھیرا چھا گیا اور آسمان سے ایک پھانسی کا پھندہ نمودار ہو گیا۔ قانون کے لمبے لمبے ہاتھوں نے صفدر کو اُچک کر فٹ بال کی طرح ہوا میں اُچھال دیا ہے۔ وکیل جلول جلال اچانک اپنی جگہ سے کود کر پھندے اور آسمان کے درمیان گول کیپر کی مانند کھڑا ہو گیا۔ گویا اُسے یقین ہو کہ صفدر جب لوٹ کر آئے گا تو وہ اسی پھندے کے اندر گرے گا۔ عدالت میں موجود سارے لوگوں کی نگاہیں آسمان کی طرف لگی ہوئی ہیں۔ انتظار کی گھڑیاں طویل سے طویل تر ہوتی جا رہی ہیں۔ ایسا لگتا ہے گویا صفدر کو آسمان نگل گیا ہو۔ دیر تک صفدر کا تعاقب کرتی نگاہیں جب لوٹ کر واپس آتی ہیں تو کیا دیکھتی ہیں کہ وکیل جلول جلال پھانسی پر لٹکا ہوا ہے اور چیخ چیخ کر کہہ رہا ہے۔۔۔ 
’’میں اپنے مؤکل صفدر کو پھانسی چڑھنے نہیں دوں گا۔ میں اسے بچانے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دوں گا۔ یہ لوگ مجھے نہیں جانتے۔۔۔ میں جلول جلال ہوں !!! وکیل جلول جلال!!! میں ناقابلِ تسخیر ہوں !!! کوئی مجھے شکست نہیں دے سکتا۔۔۔ کوئی نہیں۔۔۔ کوئی بھی نہیں !!!!!
اچانک پھندے کی رسّی ٹوٹ گئی اور وکیل جلول جلال کا آخری جملہ اپنے پندار کے ساتھ بلند مقام سے گر گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے اندھیرے کے بادل چھٹ گئے۔ سارا عالم شہنائی کے شور سے گونج اُٹھا۔ سمیہ اپنی جگہ سے اُٹھی اور ثریا کو ساتھ لے کر ظفر اقبال کے سامنے آ گئی۔ اس نے ثریا کا ہاتھ اپنے ہاتھوں میں لے کر ظفر کے ہاتھوں میں دے دیا اور بولی۔ 
’’وکیل صاحب! مبارک ہو۔۔۔ میرے پاس آپ کو انعام میں دینے کے لیے اس نادر تحفے کے علاوہ کچھ اور نہیں ہے۔ یہ میری زندگی کا سب سے عظیمسرمایہ ہے۔ مجھے اُمید ہے آپ اس ناچیز کے تحفہ کو قبول فرمائیں گے۔ لیکن اسے اپنے ساتھ لے جانے سے قبل آپ کو عدالت میں نکاح نامہ پر دستخط کرنے ہوں گے اور اس کے بعد بے شک آپ اسے اپنے ساتھ لے کر جا سکتے ہیں۔‘‘
ثریا حیرت و استعجاب کی پوٹلی بنی ہوئی کٹھ پتلی کی طرح یہ سب دیکھ رہی ہے۔ اس کی زندگی کی باگ ڈور بغیر کسی پیشگی اطلاع یا اجازت ایک ہاتھ سے دوسرے ہاتھوں میں تھما دی گئی تھی۔ لیکن اس کے باوجود وہ خوشی اور مسرت کے ساتھ اُچھل کود کر رہی ہے۔ نہ تو اس کے لبوں پر کسی قسم کا احتجاج تھا اور نہ آنکھوں میں کوئی ناراضگی۔ وہ شرم و حیا کا مجسمہ بنی اپنے پیر کے انگوٹھے سے زمین کرید رہی تھی۔۔۔ اور ظفر اقبال؟ اس کے قدم زمین پر نہیں ، خلاؤں میں تھے۔ وہ آسمانوں کی سیر کر رہا تھا کہ اچانک صفدر سے ٹکرا گیا۔ صفدر نے اُسے دیکھتے ہی پوچھا۔ 
’’اوہو ظفر! کیا تم نے میری ثریا کو دیکھا ہے؟ میں اُسے نہ جانے کتنی صدیوں سے تلاش کر رہا ہوں۔‘‘ ظفر دھڑام سے آسمان سے زمین پر آگیا اور اس کی آنکھ کھل گئی۔ 
ظفر نے ایک بھیانک خواب دیکھا تھا۔ ایک ایسا خواب جو کئی لوگوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتا تھا۔۔۔ صفدر کے لیے۔۔۔ جلول جلال کے لیے۔۔۔ ثریا کے لیے۔۔۔ اور اس کے اپنے لئے۔۔۔ لیکن ایک سمیہ ہی تھی کہ جس کو اس خواب سے کوئی خطرہ نہ تھا۔ وہ بالکل محفوظ و مامون تھی، اور کیوں نہ ہوتی؟ ظفر اقبال، جو اس کی حفاظت پر تعینات تھا۔ ظفر اقبال اس خواب کی بے ترتیبی کے باوجود بہت خوش تھا۔ 
جس رات ظفر نے یہ خواب دیکھا، سمیہ نے بھی ایک عجیب و غریب سپنا دیکھا۔ اس نے دیکھا، سارے اخبارات مقدمے کی تفصیلات سے بھرے پڑے ہیں ، لیکن ہر اخبار میں سب سے اوپر ظفر اقبال کی تصویر شائع ہوئی ہے۔ اس پر مبارکباد کے ڈونگرے برسائے جا رہے ہیں۔ ٹیلی ویژن پر اس کے انٹرویو نشر ہو رہے ہیں۔ وکیل جلول جلال نے خودکشی کر لی ہے۔ ذرائع ابلاغ نے اس بات کو مکمل طور پر بھلا دیا ہے کہ اس مقدمے میں مدعی کون تھا اور مدعا الیہ کون تھا؟ سارے لوگوں کی توجہ صرف اور صرف ظفر اقبال کی جانب مرکوز ہے۔ وہ ملک کا سب سے مشہور وکیل بن چکا ہے اور اس ہنگامے سے دُور صفدر کو با عزت رہا کر دیا گیا ہے۔ سمیہ اپنی موت کو بھلا کر اپنے بیٹے سکندر کے ساتھ کھیل رہی ہے۔ سمیہ کے لیے یہ ایک بھیانک خواب تھا، جس میں سب کچھ اُلٹا پلٹا ہو گیا تھا۔ وہ مقدمہ جیت کر بھی ہار گئی تھی اور صفدر مقدمہ ہار کر بھی جیت گیا تھا۔ ثریا نے صفدر کے سارے الزامات اپنے سر لے لئے تھے اور پھانسی کے پھندے کی جانب رواں دواں تھی۔ 
ثریا کا خواب سب سے جدا تھا۔ اس نے دیکھا۔۔۔ دُور افق سے آگے گہرے سمندروں میں ایک قبر کی جسامت کا جزیرہ نما ہے، جس پر ظفر کی ملاقات صفدر سے ہو جاتی ہے۔ 
صفدر پوچھتا ہے۔ ’’اوہو ظفر! تم یہاں بھی مو جود ہو؟‘‘
’’کیوں ؟ اس میں حیرت کی کیا بات ہے؟ یہ تو میری منزل مقصود ہے۔ یہی مجھے یہاں بلا کر لائی ہے۔‘‘
’’لیکن کیا میں تم سے یہ پوچھ سکتا ہوں کہ تم یہاں کیا کر رہے ہو؟‘‘
’’میں اپنی منزل کو تلاش کر رہا ہوں۔۔۔ صدیوں سے میں محوِ سفر ہوں ، لیکن منزل کا کہیں نام و نشان نہیں ملتا۔‘‘
’’اچھا! تو تم کسی رہنما کی مدد کیوں نہیں لے لیتے؟ مجھے اپنا خضرِ راہ بنا لو۔ ہو سکتا ہے میں تمہیں تمہاری منزل تک پہنچنے میں کوئی مدد کر سکوں۔‘‘
’’کیوں نہیں ؟ دیکھو، ثریا میری منزل ہے۔۔۔ کیا تم اُس تک میری رسائی کروا سکتے ہو؟‘‘
صفدر کا سوال سن کر ظفر پہلے تو چونک پڑا اور پھر بولا۔ ’’یہ کون سا مشکل کام ہے۔۔۔ لیکن یہ بتاؤ کہ اگر ایسا ہو جائے تو کیا ہو گا؟‘‘
’’میں۔۔۔ میں کامیاب ہو جاؤں گا۔۔۔ میرا یہ صدیوں کا سفر تمام ہو جائے گا۔‘‘
ظفر نے اپنی شہادت کی اُنگلی سے انگوٹھی کو نکال کر پتھر پر گھِسا تو مجسم ثریا نمودار ہو گئی۔ 
صفدر نے کہا۔ ’’ثریا۔۔۔ میری ثریا۔۔۔ تم کہاں کھو گئی تھیں ؟ میں نے تمہیں کہاں کہاں تلاش کر ڈالا۔‘‘
ثریا نے پہلے صفدر کی جانب دیکھا اور پھر اپنی درمیان کی اُنگلی سے انگوٹھی کو نکال کر ظفر کی جانب بڑھاتے ہوئے کہا۔ ’’ظفر۔۔۔ یہ انگوٹھی لے لو اور مجھے اپنے صفدر کے لیے آزاد کر دو۔‘‘
ظفر مسکرا کر بولا۔ ’’آج سے تم آزاد ہو ثریا۔۔۔ جاؤ۔۔۔ اپنے صفدر کے ساتھ جہاں چاہو، چلی جاؤ۔‘‘
صفدر نے تشکر آمیز نگاہوں سے ظفر کی جانب دیکھا، اپنی ثریا کا ہاتھ تھاما اور گہرے پانیوں میں اُتر گیا۔ 
جیسے ہی ظفر نے دونوں انگوٹھیوں کو پانی میں اُچھالا۔۔۔ جزیرہ نما قبر کی چھت کھل گئی اور اس میں سے سمیہ نمودار ہو گئی۔ اس نے ظفر کو قبر کی جانب اشارے سے بلایا۔ ظفر اس قبر کی گہرائیوں میں اُترتا چلا گیا۔ یہاں تک کہ سمندر کے سینے سے ایک لہر اُٹھی اور اس نے کھلی ہوئی قبر کو اپنے پیٹ میں نگل لیا۔ 
جزیرہ غرقاب ہو چکا تھا۔۔۔ ظفر، صفدر، سمیہ اور ثریا۔۔۔ سب کے سب غائب ہو چکے تھے۔ صرف سمندر رہ گیا تھا۔ ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر، جس کی لہروں نے ساری کائنات کو اپنے اندر سمو لیا تھا۔ 
سمیہ اور ثریا اپنے پریشان خوابوں سے گھبرا گئیں اور اپنی پریشانی سے پیچھا چھڑانے کی خاطر انہیں حرفِ غلط کی طرح اپنی یادداشت سے نکال باہر کیا۔ لیکن ظفر کے لئے اس خواب کو بھلانا نہایت مشکل ہو رہا تھا۔ وہ تمام تر کوشش کے باوجود اسے بھلا نہیں پا رہا تھا۔ اس خواب کی ہر چیز اُسے بھلی معلوم ہوتی تھی۔ وہ اس کی ہر بات کو یاد کر کے اس سے لذّت حاصل کرتا تھا۔ خاص طور پر حیران پریشان وکیل جلول جلال کا لٹکا ہوا چہرہ تو اُس کی آنکھوں سے اوجھل نہ ہوتا تھا، اسے اس بات کا علم تھا کہ اس مقدمے میں کامیابی اُسے کہاں سے کہاں لے جائے گی۔۔۔ وکیل جلول جلال کو ہرانے کے بعد اسے قانون کی دُنیا میں وہی مقام حاصل ہو جائے گا، جو آج جلول جلال کو حاصل ہے، بلکہ اس سے بھی زیادہ بلند۔ اس لئے کہ کسی وکیل کا اپنے پیشے کہ بالکل ابتدا ئی مرحلے میں جلول جلال سے لوہا لے کر کامیاب ہو جانا لوگوں کے خواب و خیال سے پرے کی بات تھی۔ 
 ظفر اقبال کو صفدر کی سزائے موت کے فیصلے کا ذرہ برابر ملال نہ تھا۔ اس لئے کہ وہ اسے قاتل سمجھتا تھا اور قاتل بھی اپنے عزیز ترین دوست کا! اس طرح کے سفاک مجرم کو موت کی آغوش میں پہنچانا اس کے مطابق سب سے بڑی نیکی کا کام تھا۔ لیکن اس راستے کی سب سے بڑی رُکاوٹ تھی وکیل جلول جلال۔۔۔ ظفر کے خیال میں اتنے معروف قانون داں کو صفدر کے حق میں کھڑا ہونے سے انکار کر دینا چاہئے تھا، بلکہ سمیہ اور سکندر کو انصاف دلانے میں ان کی مدد کرنی چاہیے تھی۔ لیکن افسوس کہ ایسا نہیں ہو ا تھا۔ اس سارے معمہ میں سب سے زیادہ ناقابلِ فہم شہ صفدر کے ذریعہ وکیل جلول جلال کی خدمات حاصل کرنے کا معاملہ تھا۔ کسی دفتر میں کام کرنے والے معمولی ملازم کا قتل کر بیٹھنا تو سمجھ میں آتا تھا، لیکن اس کا جلول جلال تک پہنچ جانا اور اس کی تگڑی فیس کا بندوبست کر دینا مختلف شکوک و شبہات کو جنم دیتا تھا۔ اسے یقین تھا کہ کوئی قوت  صفدر کیپسِ پردہ کار فرما ہے اور اس کی مدد کر رہی ہے۔ اگر ایسا ہے تو وہ کون ہو سکتا ہے؟ اس مقدمے میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے اس شخص کا پتہ لگانا ضروری تھا، ساتھ ہی مطلب کی اس دُنیا میں کوئی بلاوجہ کسی کا تعاون نہیں کرتا۔ ہر کسی کا کوئی نہ کوئی مفاد ضرور ہوتا ہے۔ ممکن ہے اس شخص کا کوئی مفاد اس قتل سے وابستہ ہو؟ ممکن ہے اس کی ایماء پر قتل کیا گیا ہو؟ قتل کے مقدمے میں کسی بھی امکان کو خارج نہیں کیا جا سکتا تھا؟ اس لیے یہ سوال بھی زندہ و تابندہ تھا، لیکن ان تمام سوالات کی تہہ تک پہنچنے کے لیے صفدر کی تفتیش بہت ضروری تھی۔ اس کا سینہ کھول کر اس میں جھانکنا لازم تھا۔ اس لئے کہ سارے راز وہیں دفن تھے، لیکن صفدر کی تفتیش کوئی آسان کام نہیں تھا۔ ساری دنیا جانتی تھی کہ اس کا وکیل جلول جلال اسے ضمانت پر چھڑا لے گا اور کبھی بھی پولیس کے ہتھے چڑھنے نہیں دے گا۔ اس لئے ضروری تھا کہ صفدر کو اولاً ضمانت سے محروم کر دیا جائے اور دوم کوئی ایسا افسر اس کی تفتیش کرے جو دُودھ کا دُودھ اور پانی کا پانی کر دے۔ ظفر کا دماغ اب کمپیوٹر کی طرح ان خطوط پر کام کر رہا تھا۔ 
ظفر اپنے تئیں صفدر کے بارے میں معلومات اِکٹھا کرنے لگا تھا۔ اس کے لیے یہ جاننا ضروری تھا کہ صفدر کہاں سے آیا تھا؟ کہاں رہتا تھا؟ اور کیا کرتا تھا؟ کن لوگوں کے ساتھ اُٹھتا بیٹھتا تھا؟ بہت جلد ظفر کو پتہ چل گیا کہ صفدر ملیشیا کا باشندہ تھا اور خضر و سمیہ کے مکان سے قریب ہی اپنے دفتر میں کام کرنے والے چند افراد کے مشترکہ مکان میں رہتا تھا۔ یہ سب کے سب لوگ دُنیا کے مختلف مقامات سے یہاں روزی کی تلاش میں آبسے تھے۔ سبھی لوگ اپنے اہلِ خانہ سے دُور تنہائی کی زندگی گزار رہے تھے۔ صفدر ایک تعمیراتی کمپنی میں معمولی ملازمت کرتا تھا۔ اس کی سب سے زیادہ دوستی خضر حیات اور ثریا کے ساتھ تھی۔ ثریا جو اکثر سمیہ کے ساتھ ہوتی تھی، اسی کمپنی کے صدر دفتر میں ملازمت کرتی تھی۔  ثریا ان سب کی مشترکہ دوست تھی۔۔۔ سمیہ، خضر، اور صفدر کے درمیان ایک مشترکہ کڑی، ثریا۔۔۔ جس نے نہ جانے کیوں سمیہ کو اسے انعام کے طور پر دے دیا تھا۔ ظفر پھر گھوم پھر کر حقیقت سے خوابوں کی دُنیا میں کھو گیا تھا۔ وہ خواب اس کے وجود کے ساتھ جونک کی طرح چپک گیا تھا۔ ظفر جہاں بھی جاتا، اُس کا سفر بالآخر اس خواب پر ختم ہوتا اور جیسے ہی اپنے خواب کی دُنیا سے واپس آتا، پھر ایک بار اسے شرمندۂ تعبیر کرنے کا عزم و ارادہ کرتا۔ ظفر خواب اور حقیقت کے درمیان محوِ سفر تھا۔ 
صفدر کو راہ پر لانے کے لیے اہم ترین سواری مقامی تھانہ تھا۔ وہاں کا کیا ماحول ہے؟ کون کون سے افسران ہیں اور ان سے کیا مدد مل سکتی ہے؟ یہ جاننے کے لیے جب ظفر نے پولیس اسٹیشن کا رُخ کیا تو اس کی حیرت کی انتہا نہ رہی۔ اس تھانے میں اس کے اسکول کے زمانے کا دوست کیپٹن سعید شیرازی سب انسپکٹر تھا۔ کیپٹن سعید شیرازی بڑا ہی دلچسپ نوجوان تھا۔ ملنسار اور زندہ دل طبیعت کا حامل کیپٹن سعید اپنے قدیم دوست سے مل کر باغ باغ ہو گیا۔ بڑی دیر تک دونوں دوست اسکول کی اور گاؤں کی یادیں تازہ کرتے رہے۔ واپس لوٹنے سے قبل ظفر نے اس کے سامنے مقدمے کی ساری تفصیلات رکھیں اور اس سے دریافت کیا کہ اس معاملے کی تہہ میں پہنچنے کے لیے وہ کیا مدد کر سکتا ہے؟
کیپٹن سعید شیرازی کے لیے یہ مقدمہ کافی دلچسپ ہو گیا تھا۔ وہ بولا۔ ’’دیکھو ظفر یہ تو عدالت کا کام ہے کہ صفدر کو ضمانت دے یا نہ دے۔ اس معاملے میں کوئی دخل اندازی  نہیں کر سکتا لیکن اگرتمکسی طرح صفدر کو ضمانت سے محروم کروا کر تھانے میں بھجوا دو تو میں اس کے فرشتوں سے بھی سچ اُگلوا لوں گا۔ اس لئے کہ اس شعبے میں پولیس محکمہ  کافی مہارت حاصل کر چکا ہے۔ گونگے اور بہرے لوگوں سے بھی سچ اُگلوانے کا فن سیکھ لیا گیا ہے۔ شرط صرف یہ ہے کہ ایک بار ملزم اپنے قبضہ میں آ جائے۔‘‘ لیکن وکیل جلول جلال کے ہوتے ہوئے صفدر کو قبضہ میں کرنا کوئی آسان کام نہیں تھا۔ اس کے باوجود دونوں دوستوں نے مل جل کر اس مہم کو سر کرنے کا ارادہ کیا اور جدا ہو گئے۔ کیپٹن سعید نے ظفر کے خواب میں حقیقت کا ہلکا سا رنگ بھر دیا تھا۔ 


۷
دامِ فریب

مقدمے کی تاریخ قریب آ چکی تھی۔ صرف دو دنوں کا وقفہ درمیان میں تھا اور اگر اس پہلے مرحلے میں صفدر نکل جائے تو اسے دوبارہ پھنسانا بڑا مشکل کام تھا۔ کیپٹن سعید اور ظفر قہوہ خانے کے ایک تاریک کونے میں بیٹھے سوچ رہے تھے کہ صفدر کو وکیل جلول جلال کے چنگل سے کس طرح نکالا جائے؟ ظفر نے مقدمے کی سنگینی کے حوالے سے کافی مواد جمع کر لیا تھا، لیکن خود اس کا اپنا دل مطمئن نہیں تھا۔ اسے لگ رہا تھا کہ وکیل جلول جلال ان قیاسات کو اپنے دلائل کی طاقت سے نیست و نابود کر دے گا۔ کوئی ایسی ترکیب سجھائی نہیں دے رہی تھی کہ جس سے صفدر کی درخواستِ ضمانت لازماً خارج ہو جائے کہ اس بیچ کیپٹن سعید کے موبائل کی گھنٹی بجی۔ کیپٹن سعید کے لیے یہ اجنبی نمبر تھا۔ پھر بھی اس نے فون اُٹھا کر گرجدار آواز میں پوچھا۔ ’’کون؟‘‘
سامنے سے منحنی سی آواز آئی۔ ’’جی جناب! میں صفدر بول رہا ہوں۔‘‘
’’صفدر۔۔۔ کون صفدر؟‘‘
ظفر اقبال کے کان کھڑے ہو گئے۔ شکار خود چل کر دام کی جانب آ رہا تھا۔ ظفر نے اسپیکر کو چالو کرنے کا اشارہ کیا۔ 
مخاطب کہہ رہا تھا۔ ’’معاف فرمائیں تھانیدار صاحب! میں نے کئی بار تھانے میں آپ کے لیے فون کیا۔ بالآخر حوالدار نے آپ کا موبائل نمبر دے دیا۔ اس لئے میں آپ کے ذاتی وقت میں مخل ہو رہا ہوں اور اس کے لیے معافی چاہتا ہوں۔‘‘
’’کیوں جھوٹ بول رہے ہو صفدر۔ سچ سچ کیوں نہیں کہتے کہ حوالدار کو رشوت دے کر میرا نمبر حاصل کیا ہے۔‘‘
کیپٹن سعید دل لگی کر رہا تھا، لیکن صفدر گھبرا گیا۔ وہ بولا۔ ’’جی نہیں صاحب! ایسی کوئی بات نہیں۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ اگر ایسا ہے تو میں فون بند کرتا ہوں اس لئے کہ جو لوگ جھوٹ بولتے ہیں ، میں اُن سے بات نہیں کرتا۔‘‘ کیپٹن سعید نے فون میں لگا ٹیپ کا بٹن بھی دبا دیا تھا اور اب صفدر کی ساری گفتگو ریکارڈ ہو رہی تھی۔ 
صفدر گھگیا کر بولا۔ ’’نہیں جناب۔۔۔ ایسا نہ کریں۔ آپ صحیح کہہ رہے ہیں۔ مجھے آپ سے ایک ضروری بات پوچھنی ہے۔‘‘
’’کیا پوچھنا ہے۔۔۔ بولو؟‘‘
’’جی سر میں بہت ہی سیدھا سادہ آدمی ہوں۔ مجھے بلاوجہ اس مقدمے میں پھنسا دیا گیا ہے۔ مجھے بہت ڈر لگ رہا ہے۔‘‘
’’تو میں کیا کر سکتا ہوں ؟ تم اپنا دُکھڑا عدالت میں سنانا۔ وہاں سے تمہیں رِہائی مل جائے گی۔ ہم پولیس والے تو صرف گرفتار کرنا جانتے ہیں ، رِہا نہیں کر سکتے۔‘‘ ظفر اقبال کا دماغ پھر ایک بار کمپیوٹر کی طرح چل رہا تھا۔ اس نے اشارے سے کہا کہ صفدر کو باتوں میں اُلجھائے رکھو۔ ظفر کے دماغ میں ایک فتنہ پنپنے لگا تھا۔ 
صفدر کہہ رہا تھا۔ ’’جی ہاں جناب۔۔۔ آپ صحیح کہتے ہیں۔ وکیل صاحب کا بھی یہی کہنا ہے۔ لیکن پھر بھی مجھے بہت ڈر لگتا ہے۔ میں نے آج تک کبھی پولیس تھانے میں قدم نہیں رکھا ہے۔‘‘
’’تو اس میں ڈرنے کی کیا بات ہے۔ پولیس والے کوئی وحشی درندے تو نہیں ہوتے۔ وہ بھی تمہاری طرح انسان ہوتے ہیں۔‘‘
’’نہیں ایسی بات نہیں۔‘‘
’’کیا مطلب؟ وہ درندے ہوتے ہیں ؟‘‘
’’جی۔۔۔ جی نہیں جناب۔ آپ کیسی بات کر رہے ہیں ؟ میں نے صرف اطمینان کرنے کے لیے فون کیا تھا کہ پرسوں کوئی گڑبڑ تو نہیں ہو گی؟ میری ضمانت تو ہو جائے گی نا؟‘‘
’’دیکھو صفدر۔۔۔ تمہارا سوال بالکل بجا ہے، لیکن غلط شخص سے کیا جا رہا ہے۔ تمہاری ضمانت کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ ہم تو صرف اس پر عمل درآمد کریں گے۔‘‘
’’کیا مطلب؟‘‘ صفدر نے گھبرا کر پوچھا۔ 
’’مطلب صاف ہے۔ اگر تم پرسوں عدالت میں حاضر نہیں ہوئے تو ہم تمہیں گرفتار کر کے وہاں پہنچا دیں گے۔ اگر عدالت نے درخواستِ ضمانت منظور کر لی تو چھوڑ دیں گے، ورنہ اپنے ساتھ جیل میں لے جائیں گے۔‘‘ کیپٹن سعید زبردستی بات کو طول دے رہا تھا۔ 
’’جی ہاں۔۔۔ جی ہاں ، آپ بجا فرما رہے ہیں۔ لیکن مجھے عدالت میں اپنے ساتھ کیا کچھ لانا ہو گا؟‘‘
کیپٹن سعید کو اس کی معصومیت پر ہنسی آ گئی۔ وہ بولا۔ ’’تم ایسا کرنا اپنے ساتھ ایک پستول لے آنا اور اسے جج صاحب کی کنپٹی پر رکھ دینا۔ وہ گھبرا کر تمہیں رِہا کر دیں گے اور تمہارا مقدمہ ٹائیں ٹائیں فش ہو جائے گا۔‘‘ 
 کیپٹن سعید کے قہقہے سے صفدر اور ڈر گیا۔ وہ بولا۔ ’’جناب آپ مذاق کر رہے ہیں۔ میں تو مدد حاصل کرنے کے لیے آپ کی خدمت میں حاضر ہوا تھا۔‘‘
اس سے پہلے کہ کیپٹن سعید جواب دیتا، ظفر نے اشارے سے کہا کہ اب وہ بات کرے گا۔ کیپٹن سعید بولا۔ ’’اچھا اگر ایسی بات ہے تو تم میرے سینئر اکمل فاروقی سے بات کرو۔‘‘
’’السلام علیکم جناب۔۔۔ میں صفدر بول رہا ہوں۔‘‘
’’جی ہاں ، میں جانتا ہوں۔ میں نے تمہاری ساری گفتگو سن لی ہے، اس لئے دوہرانے کی ضرورت نہیں۔ مجھے تم کافی گھبرائے ہوئے لگ رہے ہو۔ کیا میرا یہ اندازہ صحیح ہے؟‘‘
’’جی ہاں جناب۔۔۔ میری صورتحال ہی کچھ ایسی ہے۔ ایک احمق عورت نے میرے خلاف یہ مقدمہ دائر کر دیا۔ اب اگر میری جگہ آپ ہوتے تو آپ بھی ڈر جاتے۔‘‘
’’جی نہیں ! اگر وکیل جلول جلال میری وکالت کر رہا ہوتا تو میں ہرگز نہیں ڈرتا۔‘‘
’’وہ تو ٹھیک ہے لیکن۔۔۔ پھر بھی ڈر تو لگتا ہی ہے۔ وہ وکیل بھی تو ایک انسان ہے، کوئی خدا تھوڑے ہی ہے۔‘‘
’’جی ہاں ! یہ تم نے پہلی کام کی بات کہی۔ تم خدا پر بھروسہ رکھو اور سارے ضروری کاغذات کے ساتھ عدالت میں آنا۔ کبھی کبھار ایسا بھی ہوتا ہے کہ ضمانت تو منظور ہو جاتی ہے لیکن ضروری دستاویزات مہیا نہ ہونے کے باعث اس پر عمل درآمد ٹل جاتا ہے۔‘‘
’’جی ہاں جناب! اس جانب تو میں نے سوچا ہی نہیں۔ آپ کے خیال میں کون کون سے کاغذات سب سے زیادہ اہم ہیں ؟‘‘
’’شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اگر موجود ہو اور پاسپورٹ وغیرہ۔‘‘
’’پاسپورٹ؟ وہ تو دفتر میں جمع ہوتا ہے۔‘‘
’’تو اس میں کون سی بڑی بات ہے؟ تم کسی بہانے سے اسے وقتی طور پر حاصل کر لو تاکہ اگر ضرورت پڑے تو کسی قسم کی دِقت پیش نہ آئے۔‘‘
’’جی جناب، آپ کا بہت شکریہ۔ میں کوشش کر کے اسے حاصل کر لوں گا۔‘‘
’’بس۔۔۔ تو پھر گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ ہماری نیک خواہشات تمہارے ساتھ ہیں۔‘‘
’’شکریہ جناب، آپ دونوں کا بہت بہت شکریہ۔‘‘ کلک کی آواز کے ساتھ فون بند ہو گیا۔ 
فون بند کر کے صفدر نے ثریا سے کہا۔ ’’اس پردیس میں ہمارے پاس سب سے اہم دستاویز پاسپورٹ ہی تو ہے اور وکیل جلول جلال نے اس کی طرف توجہ ہی نہیں دلائی۔‘‘
ثریا نے تائید کی اور بولی۔ ’’غالباً وہ بوڑھا وکیل بے جا خود اعتمادی کا شکار ہو گیا ہے۔ اس لئے ان باتوں کی جانب توجہ نہیں دے رہا۔‘‘ ثریا کے دل میں ہنوز جلول جلال کی ڈانٹ کا قلق باقی تھا۔ 
’’اسی لئے میں تھانیدار سے بات کرنا چاہتا تھا اور تم مجھے بلا وجہ ڈرا رہی تھیں۔‘‘
’’ہاں بابا مان گئی! وہ میری غلطی تھی۔ مجھے ڈر تھا، ایک مصیبت میں تو ہمیں اس وکیل نے ڈال دیا، اب پولیس والے کسی نئی مصیبت میں نہ گرفتار کر دیں۔ چلو خیر جو ہوا سو اچھا ہی ہوا۔ تمہارا پاسپورٹ تو ہمارے دفتر میں ہو گا۔ میں کل اسے اپنے ساتھ لیتی  آؤں گی۔‘‘
’’جی ہاں ! یہ اچھا ہے۔ ورنہ پورا دن خراب ہو جاتا ہے اور پچاس قسم کے سوالات بھی ہوتے ہیں۔‘‘
’’تم اس کی فکر نہ کرو۔ میں کسی بہانے سے پاسپورٹ حاصل کر لوں گی۔‘‘
اِدھر ظفر بھی صفدر کی ٹیپ شدہ گفتگو کو دوبارہ سننا چاہتا تھا، تاکہ ملزم کی نفسیات سے واقف ہو سکے۔ ظفر کے خیال میں مقدمے کی کامیابی کے لیے یہ ایک نہایت ہی اہم ضرورت تھی۔ کیپٹن سعید شیرازی نے موبائل کا ٹیپ شروع کیا اور خود اُٹھ کر ٹیلی ویژن کے قریب جا بیٹھا۔ اس کے نزدیک یہ ایک بے فائدہ حرکت تھی۔ 
ظفر، صفدر کے ہر ہر لفظ کو غور سے سن رہا تھا اور الفاظ کے پسِ پردہ احساسات و جذبات کی مدد سے نیت اور ارادے تک رسائی حاصل کرنے میں لگا ہوا تھا۔ اس کے خیال میں جو کچھ کہا گیا تھا، اس سے زیادہ اہم یہ بات تھی کہ آخر وہ کیوں کہا گیا ہے؟ مخاطب کی زبان پر جو ہے سو ہے لیکن اس کے دل میں کیا ہے؟ اس کوشش کا محرک کیا  ہو سکتا ہے؟ جوابات کی مدد سے ان سوالات کی جانب پیش قدمی ایک مشکل کام تھا، لیکن ظفر جانتا تھا کہ اس کھیل میں کامیابی کوئی آسان کام نہیں ہے۔ وہ اپنی کامیابی کو یقینی بنانے کی خاطر سارے پاپڑ بیلنے کے تیار تھا۔ وہ اپنے ذہن میں قائم شدہ مفروضات کو کیپٹن سعید کے ذریعہ یقین کی منزل میں پہنچانا چاہتا تھا۔‘‘
کیپٹن سعید شیرازی بولا۔ ’’یار اس مقدمے نے تو تمہیں ابن صفی کا فریدی بنا دیا ہے۔ تم وکیل سے زیادہ جاسوس معلوم ہونے لگے ہو۔‘‘
ظفر اس کی بات کو اَن سنی کر کے بولا۔ ’’کیپٹن سعید۔۔۔ میں اس معاملے میں تمہاری مدد چاہتا ہوں۔ مجھے یہ بتاؤ کہ آخر صفدر نے فون کیوں کیا؟‘‘
’’یوں ہی۔۔۔ بس یوں ہی سمجھ لو۔‘‘ کیپٹن سعید نے بات کو ٹالتے ہوئے جواب دیا۔ 
ظفر بولا۔ ’’کیپٹن سعید۔۔۔ میں اِس بارے میں سنجیدہ ہوں۔ کوئی ملزم بلاوجہ کسی اجنبی پولیس آفیسر کو یوں ہی فون نہیں کر سکتا۔ ضرور اس کے پیچھے کوئی اہم بات ہے؟‘‘
اب کیپٹن سعید بھی سنجیدہ ہو گیا۔ اس نے تائید کرتے ہوئے کہا۔ ’’جی ہاں تمہاری بات معقول ہے، لیکن ہمیں اس سے کیا غرض؟‘‘
’’غرض ہے؟ صفدر اس کیس کا ملزم ہے۔ میرے لئے اس کی ہر حرکت اہمیت کی حامل ہے۔ فی الحال میرے پاس اس کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے، لیکن مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی حرکات سے اپنے خلاف ثبوت فراہم کرے گا، بشرطیکہ ہم ان پر گہری نظر رکھیں۔‘‘
’’میں تمہاری اس بات کی بھی تائید کرتا ہوں ، لیکن ابھی تک تو مجھے ایسا کوئی ثبوت دِکھائی نہیں دیا۔‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ مجھے بھی۔ لیکن تمہیں ایسا نہیں لگا کہ وہ کافی گھبرایا ہوا ہے؟‘‘
’’یقیناً لگا! اس میں شک شبہ کی کیا بات ہے؟‘‘
’’اگر وہ بے قصور ہے تو اسے اس قدر خوفزدہ ہونے کی کیا ضرورت ہے؟‘‘
’’ظفر۔۔۔ تم جرم کی دُنیا کو نہیں جانتے۔ یہاں جو لوگ پیشہ ور مجرم ہوتے ہیں ، وہ بالکل خوف نہیں کھاتے۔ بلکہ جو معصوم ہوتے ہیں وہی گھبرائے رہتے ہیں۔‘‘
’’اس کی وجہ؟‘‘
’’وجہ ہمارا عدالتی نظام ہے جو مجرمین کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور معصومین کو ہراساں کرتا ہے۔‘‘
’’یہ ایک وجہ ہو سکتی ہے، لیکن یہ بھی تو ممکن ہے کہ اس کے اندر پائے جانے والے احساسِ جرم نے اسے بے چین کر دیا ہو؟‘‘ ظفر کسی صورت صفدر کو بخشنا نہیں چاہتا تھا۔ اس کے خیال میں وہ یقینی مجرم تھا اور اب صرف ثبوت کی فراہمی ہونی تھی اور اس کے بعد پھر سزا۔۔۔ !‘‘
کیپٹن سعید بھی ظفر کا حامی بنتا جا رہا تھا۔ وہ بولا۔ ’’جی ہاں ، اس بات کا امکان ضرور ہے۔ اس لئے کہ جو لوگ پیشہ ور مجرم نہیں ہوتے وہ گھبرا جاتے ہیں۔ لیکن یہ بھی تو ممکن ہے کہ اسے اپنے وکیل پر اعتماد نہ ہو؟‘‘
’’کیسی باتیں کرتے ہو کیپٹن سعید۔۔۔ کیا تم نہیں جانتے کہ اس کا وکیل کون ہے؟‘‘
’’جانتا ہوں۔۔۔ اس کا وکیل ظفر اقبال نہیں ہے۔ ورنہ وہ اس بے یقینی کا شکار نہیں ہوتا۔‘‘
’’تم مذاق کر رہے ہو کیپٹن سعید۔۔۔ دراصل صفدر کا وکیل ناقابلِ تسخیر وکیل جلول ہے۔‘‘
’’دیکھو ظفر۔۔۔ یہ بات درست ہے کہ جلول جلال ابھی تک شکست سے دوچار نہیں ہوا، لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اِس سے پہلے اس کے مدمقابل ظفر اقبال نہیں تھا۔‘‘
’’تم میرا مذاق اُڑا رہے ہو کیپٹن۔۔۔ خیر، مجھے دورانِ گفتگو یہ بھی محسوس ہوا کہ وہ تمہیں رشوت کی پیش کش کرنے جا رہا ہے۔‘‘
’’مجھے تو ایسا نہیں لگا! ویسے اس طرح کی بات کو میں اندازے کی بنیاد پر تسلیم نہیں کرتا، لیکن خدا نخواستہ اگر اُس نے ایسی غلطی کی تو میں اُسے گولی مار دوں گا۔‘‘
’’کیا؟‘‘ ظفر نے گھبرا کر پوچھا۔ 
’’میرا مطلب ہے انکاؤنٹر کر دوں گا۔ اس میں حیرت کی کیا بات ہے۔۔۔ ؟ اچھا یار، ایک بات میری سمجھ میں نہیں آئی۔۔۔ یہ پاسپورٹ کا کیا چکر ہے؟‘‘
’’وہ ایک خاص بات ہے۔ چلو، میں تم کو گاڑی میں بتلاتا ہوں۔ بات بھی ہو جائے گی اور سفر بھی طے ہو جائے گا۔‘‘
’’جی ہاں یہ اچھا ہے۔ ورنہ تمہاری بھابی میرا انکاؤنٹر کر دے گی۔‘‘
دونوں دوستوں کا زوردار قہقہہ ہوا میں بلند ہوا اور وہ گاڑی کی جانب چل پڑے۔ 



۸
زادِ راہ


ظفر نے اگلے دن صبح صبح ٹیلیفون ڈائریکٹری انکوائری کا نمبر ۱۸۱ ڈائل کیا اور گولڈن ٹرائنگل یعنی طلائی مثلث کنسٹرکشن کمپنی کا نمبر مانگا۔ سامنے سے سوال ہوا۔ ’’جناب دفتر یا سائٹ؟‘‘
’’دونوں دے دیجئے۔‘‘
اس کے بعد مشینی آواز نے نمبر بتلا دئے اور ایس۔ ایم۔ ایس۔ بھی آگیا۔‘‘
ظفر نے دفتر پر فون ملا کر پوچھا۔ ’’صفدر صاحب اسی دفتر میں ہوتے ہیں ؟‘‘
’’صفدر صاحب۔۔۔ ؟ اس نام کا کوئی افسر ہمارے یہاں نہیں ہے۔‘‘
’’اچھا تو ممکن ہے وہ سائٹ پر ہوں ؟‘‘
’’میں نے آپ سے کہا نا کہ اس نام کا کوئی افسر ہمارے ادارے میں نہیں پایا جاتا۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ !! تو انہوں نے شاید آپ کی کمپنی کو چھوڑ دیا ہو؟‘‘
’’میں پچھلے تین سال سے یہاں ہوں۔ اس درمیان تو ایسا نہیں ہوا۔ ہاں اس سے پہلے کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتی۔‘‘
’’تین سال۔۔۔ ؟ کیسی بات کرتی ہیں آپ؟ میری تو اُن سے تین دن قبل ملاقات ہوئی تھی۔‘‘
’’تین دن قبل؟ جناب یہ گولڈن ٹرائنگل کنسٹرکشن کا دفتر ہے۔ کہیں آپ نے غلط نمبر تو نہیں ملایا؟‘‘
’’جی نہیں محترمہ! کیا آپ کو صفدر کے بارے میں پورا یقین ہے؟‘‘
’’اوہو۔۔۔ صفدر! معاف کیجئے، مجھے غلط فہمی ہو گئی۔ وہ دراصل پہلے اسی دفتر میں تھا لیکن فی الحال ہماری سائٹ پر ہے۔ کیا آپ کے پاس وہاں کا نمبر ہے؟ اگر آپ چاہیں تو میں صفدر کا موبائل نمبر بھی آپ کو دے سکتی ہوں۔‘‘
’’جی نہیں ، شکریہ! آپ مجھے یہ بتلائیں کہ اس سائٹ پر منیجر کا کیا نام ہے؟‘‘
’’پراجیکٹ منیجر تو حمود حامد ہیں ، لیکن وہ بہت مصروف رہتے ہیں۔ ان کا نائب سائٹ سپروائزر علی نجدی ہے۔ وہ آپ کو ہر وقت سائٹ پر مل جائے گا۔‘‘
’’اور یہ آپ کی سائٹ کہاں پر واقع ہے؟‘‘
آپریٹر نے تفصیل سے پتہ بتلا دیا، جسے ظفر نے نوٹ کر لیا اور بولا۔ ’’بہت شکریہ۔۔۔ بہت بہت شکریہ!‘‘ اس کے بعد سلسلہ منقطع ہو گیا۔ 
صفدر کی سائٹ پر جاتے ہوئے درمیان میں رُک کر ظفر نے ایک نیا فون اور سِم کارڈ خریدا۔ احتیاط کے طور پر وہ اس معاملے میں اپنے جانے پہچانے نمبر کے بجائے ایک گمنام نمبر استعمال کرنا چاہتا تھا۔ 
ظفر راستے میں ایک چائے خانہ پر رُکا اور اُس نے نئے نمبر سے صفدر کی سائٹ کا نمبر ملایا۔ 
’’آپریٹر کی آواز آئی۔ ’’ہیلو۔۔۔ گولڈن ٹرائنگل کنسٹرکشن۔۔۔ آداب عرض ہے۔‘‘
’’آداب و تسلیم۔۔۔ محترمہ میں ہلال ٹراویل سے ظفر بول رہا ہوں۔‘‘
’’جی فرمائیے، آپ کس سے بات کرنا پسند کریں گے؟‘‘
’’میں دراصل یہ جاننا چاہتا تھا کہ آپ کے دفتر میں سفرکا اہتمام مثلاً ٹکٹ بکنگ وغیرہ کون کرتا ہے؟‘‘
’’جی۔۔۔ یہ چھوٹے موٹے کام تو میرے ہی ذمہ ہوتے ہیں۔۔۔ فرمائیے۔‘‘
’’دراصل میں ہلال ٹراویل کی خدمات کا تعارف کروانا چاہتا تھا۔ ہم لوگ نہ صرف ہوائی جہاز کی بکنگ اور سفر کی دیگر خدمات مثلاً ہوٹل سے لے کر لیموزین تک  سبھی کچھ فرا ہم کرتے ہیں۔ دُنیا کے بڑے بڑے ہوٹلوں سے ہمارا معاہدہ ہے۔ اس لئے ہمارے گاہکوں کو کم قیمت پر بہتر خدمات حاصل ہو جاتی ہیں۔‘‘
آپریٹر بولی۔ ’’دیکھئے جناب! بات یہ ہے کہ ہماری کمپنی برسوں سے ایشین ٹراول سے ٹکٹ وغیرہ بنواتی ہے۔ اب اس کو تبدیل کرنے کا اختیار مجھے نہیں ہے۔‘‘
’’اچھا تو یہ فیصلے کون کرتا ہے؟‘‘
’’وہ تو ہمارے صدر دفتر سے طے ہوتا ہے۔ بہتر ہے آپ وہاں رابطہ کریں۔‘‘
’’بہت خوب! اچھا یہ بتائیں کہ کیا حمود حامد صاحب دفتر میں فی الحال موجود ہیں ؟‘‘
آپریٹر ظفر کے منہ سے پراجیکٹ منیجر کا نام سن کر چونک پڑی۔ اس نے کہا۔ ’’وہ موجود تو ہیں لیکن میٹنگ میں ہیں۔‘‘
’’اور علی نجدی صاحب؟‘‘
’’وہ تو آج کمپنی کے کام سے باہر گئے ہوئے ہیں۔ دوپہر سے قبل نہیں لوٹیں گے۔‘‘
’’بہت خوب۔۔۔ آپ کا بہت بہت شکریہ!‘‘ فون بند ہو گیا۔ 
’’ظفر نے اپنے آپ سے کہا۔۔۔ ’’ایشین ٹراول!!‘‘
آدھے گھنٹہ کے بعد وہ اسی آپریٹر کے سامنے تھا۔ اس نے کہا۔ ’’میرا نام کمال پاشا ہے۔ میں علی نجدی صاحب سے ملنے کے لیے آیا ہوں۔‘‘
’’علی نجدی؟ وہ تو فی الحال باہر گئے ہوئے ہیں ، دفتر میں نہیں ہیں۔ کیا کسی اور سے ملنا پسند کریں گے؟‘‘
’’جی نہیں۔ میں کچھ دیر انتظار کر لوں گا۔ انہوں نے مجھے بلایا تھا۔ غالباً وہ آتے ہی ہوں گے۔‘‘
’’جی ہاں۔ اگر بلایا تھا تو یقیناً آ رہے ہوں گے۔‘‘ آپریٹر نے بے یقینی کے ساتھ کہا اور استقبالیہ میں پڑے صوفے کی جانب اشارہ کر دیا۔ 
ظفر کونے میں بیٹھ کر اخبار دیکھنے لگا۔ پانچ منٹ کے بعد وہ آپریٹر سے پھر بولا۔ ’’اگر آپ کو زحمت نہ ہو تو آپ مجھے ایک فون نمبر ملا کر دیں گی؟‘‘
’’کیوں نہیں ، فرمائیے؟‘‘
ظفر نے ایشین ٹراول کا نمبر اُسے دے دیا۔ 
وہ بولی۔ ’’آپ وہیں بیٹھیں ، میں سامنے تپائی پر پڑے فون سے لائن ملا دیتی ہوں۔‘‘
ظفر کے سامنے پڑے فون کی گھنٹی بجی اور وہ بولا۔ ’’ایشین ٹراول!‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ فرمائیے۔‘‘
’’میں گولڈن ٹرائنگل یعنی طلائی مثلث۔۔۔‘‘
’’ہمیں پتہ ہے صاحب۔ آپ لوگوں کے سارے نمبر ہمارے سسٹم میں محفوظ ہیں اور فوراً پہچان لئے جاتے ہیں۔ آپ ہمارے خاص گاہک جو ہیں۔‘‘
’’بہت خوب۔۔۔ بہت خوب! مجھے بکنگ کاؤنٹر سے ملا دیجئے۔‘‘
’’یہ لیجئے۔‘‘
فون ٹرانسفر ہو گیا۔ سامنے سے آواز آئی۔ ’’ہیلو!‘‘
’’میں گولڈن ٹرائنگل یعنی طلائی مثلث۔۔۔‘‘
’’جی ہاں ! فرمائیے، مسافر کا کیا نام ہے؟‘‘
’’جی میرا نام صفدر ہے۔‘‘
بکنگ کلرک نے کمپیوٹر پرجیسے ہی صفدر ٹائپ کیا، سامنے پرانے سفر کی تفصیلات آن حاضر ہوئیں۔ 
’’جی صفدر اعظم صاحب۔۔۔ آپ کہاں کوالالمپور جائیں گے؟‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ اِس بار مجھے سنگاپور تک جانا ہے۔‘‘
’’بہت خوب! کب جانا پسند کریں گے؟‘‘
’’جتنی جلد ممکن ہو۔‘‘
’’کہیے تو آج ہی رات کا ٹکٹ بنا دوں ؟‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ کل رات یا اس کے بعد کا۔۔۔‘‘
’’کل رات کو تو کوئی فلائٹ نہیں ہے۔ ہاں ، پرسوں دوپہر کے جہاز میں نشست موجود ہے۔ کیا خیال ہے؟‘‘
’’مناسب ہے۔‘‘
’’واپسی کی بکنگ کس دن کی کروں ؟‘‘
’’آپ ایسا کریں کہ واپسی کا معاملہ یوں ہی کھلا چھوڑ دیں۔ اس لیے کہ تاریخ ابھی طے نہیں ہے۔‘‘
’’یہ ٹکٹ ’کمپنی اکاؤنٹ‘ میں ہے یا آپ خود اس کا بھگتان کریں گے؟‘‘
’’یہ میرا ذاتی ٹکٹ ہے، اس لیے میں اس کی قیمت ادا کروں گا۔‘‘
’’بہت خوب۔۔۔ میں یہ ٹکٹ کل صبح بل کے ساتھ اپنے آدمی سے بھجوا دوں گی۔ ٹھیک ہے۔۔۔ ؟‘‘  
’’جی نہیں ! کل میں نے چھٹی لے رکھی ہے۔ آپ ایسا کریں ٹکٹ تیار کر کے اپنے استقبالیہ پر رکھوا دیں ، میں اپنے ایک دوست سے منگوا لوں گا۔‘‘
’’مناسب ہے جناب!‘‘
’’شکریہ!‘‘
’’اللہ حافظ!‘‘
فون کے بند ہو جانے کے بعد بھی کچھ دیر ظفر اخبارات میں لگا رہا۔ علی نجدی کو نہ آنا تھا، سو نہ آیا۔ ظفر پھرسے آنے کا وعدہ کر کے چل دیا اور درمیان میں اے۔ ٹی۔ ایم سے رقم نکال کر سیدھے ایشین ٹراویل کے دفتر میں پہنچا۔ اس ایجنسی کا شمار شہر کی بڑی کمپنیوں میں ہوتا تھا۔ ایسا لگتا تھا گویا کہ کسی ائیرلائنز کا دفتر ہو۔ ظفر نے وہاں پہنچ کر استقبالیہ میں صفدر کے ٹکٹ کے بارے پوچھا تو آپریٹر نے اسے ٹکٹ کے بجائے بل پکڑا دیا اور وصولی کے کاؤنٹر کی جانب اشارہ کر دیا۔ رقم کی ادائیگی کے بعد جب وہ رسید کے ساتھ واپس آیا تو آپریٹر نے اُسے ٹکٹ کا لفافہ تھما دیا اور وصولی رسید پر دستخط کی درخواست کی۔ ظفر نے لکھا ’قلندر‘ اور شکریہ کے ساتھ ٹکٹ لے لیا۔ نکلنے سے قبل ایک بار پھر ظفر نے ٹکٹ پر نام وغیرہ کی جانچ پڑتال کی اور اطمینان کر کے چل پڑا۔ فی الحال اس کا دماغ کمپیوٹر سے زیادہ تیز چل رہا تھا۔ وہ ایک خطرناک منصوبے کو عملی جامہ پہنا رہا تھا۔ 
اپنے کمرے میں آنے کے بعد وہ دوبارہ مقدمے کی تیاریوں میں جٹ گیا اور نہ جانے کب شام ہو گئی۔ اسے گھڑی کے کانٹوں پر غصہ آ رہا تھا۔ یہ کمبخت اتنی تیز کیوں چلتے ہیں ؟ وہ اپنی بھوک پر غضبناک ہو رہا تھا۔ صبح سے بھوکا اس کا جسم جواب دے رہا تھا۔ اسے لگا کہ اگر اب بھی کچھ نہ کھائے گا تو مر جائے گا۔ ظفر نے فائلوں کو ایک جانب رکھا اور اُٹھ کھڑا ہوا۔ باہر آ کر گھر کے قریبی ریسٹورنٹ میں بیٹھ گیا۔ 
اُسے پریشان دیکھ کر بیرا اُس کے قریب آیا اور مسکرا کر بولا۔ ’’صاحب بریانی لاؤں ؟‘‘
’’بریانی؟‘‘
’’جی ہاں صاحب۔۔۔ مجھے پتہ ہے آپ آج بریانی کھائیں گے۔‘‘
ظفر کو ہنسی آ گئی۔ وہ بولا۔ ’’اچھا! بہت خوب۔۔۔ مجھ سے پہلے تجھے پتہ چل گیا کہ میں کیا کھاؤں گا؟‘‘
’’جی ہاں صاحب! مجھے پتہ ہے جب بھی آپ پریشان ہوتے ہیں ، بریانی کھاتے ہیں۔۔۔ کہئے چکن یا مٹن؟‘‘
’’اگر اتنا کچھ پتہ ہے تو یہ بھی پتہ ہو گا کہ چکن یا مٹن؟‘‘
’’جی ہاں سر۔۔۔ ویسے تو یہ بھی پتہ ہے کہ آپ گوشت کی بریانی کھائیں گے۔‘‘
’’تو پھر پوچھا کیوں ؟‘‘
’’بس یوں ہی۔۔۔ آپ کو خوش کرنے کے لیے۔‘‘
’’مجھے خوش کرنے کے لیے؟ میں کچھ سمجھا نہیں ؟‘‘
’’اب جناب اپنی پسند کا کھانا اور کسی اور کی پسند کا کھانا۔۔۔ اس میں فرق تو ہے ہی۔ اپنی پسند کا کھانا جب انسان کھاتا ہے تو اسے کچھ اور ہی مزہ آتا ہے۔‘‘
’’اچھا ایسا کر۔۔۔ وقت گنوانے کے بجائے چل بھاگ اور جلدی سے کھانا لے کر آ۔‘‘
بیرا کھانا لانے اندر باورچی خانے میں گیا تو ظفر سوچنے لگا۔۔۔ ’’کس قدر دلچسپ آدمی ہے یہ۔ دو منٹ میں اس نے طبیعت درست کر دی سارے دن کی تھکن اور بوجھل پن دور ہو گیا۔‘‘
بیرا جیسے ہی بریانی لے کر آیا، ظفر نے گرم گرم نوالہ منہ میں رکھا اور بولا۔ ’’عبدل! میں تمہیں ایک مشورہ دوں ؟‘‘
’’نہیں صاحب نہیں ! مجھے آپ کے مشورے سے ڈر لگتا ہے۔‘‘
’’وہ کیوں ؟‘‘
’’آپ وکیل صاحب جو ہیں۔‘‘
’’کیوں ، اس سے کیا فرق پڑتا ہے۔‘‘
’’بہت فرق پڑتا ہے۔ آپ پہلے مشورہ دیں گے، پھر فیس طلب کریں گے۔‘‘
’’میرے طلب کرنے سے کیا ہوتا ہے؟ تم ادا ہی مت کرنا۔‘‘ ظفر نے کھانا کھاتے ہوئے مسکرا کر کہا۔ 
’’یہ کیسے ہو سکتا ہے؟ آپ میرے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کر دیں گے۔۔۔ اور۔۔۔ اور مجھے جیل بھجوا دیں گے۔‘‘
’’کیسی باتیں کرتے ہو عبدل؟ کسی کو بلاوجہ جیل بھجوانا اس قدر آسان کام ہے کیا؟‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ ہمارے لئے تو یہ بہت ہی مشکل کام ہے، لیکن آپ کے لئے۔۔۔‘‘ وہ رُک گیا۔ 
’’میرے لئے کیا؟‘‘
’’آپ کے لئے کوئی مشکل نہیں۔‘‘
’’کیوں ؟‘‘
’’کہا نا۔۔۔ آپ وکیل صاحب جو ہیں۔‘‘
’’تو کیا وکیل لوگ بلاوجہ لوگوں کو جیل میں بند کروانے کا کام کرتے ہیں ؟‘‘
’’نہیں ، ایسا نہیں ہے۔ جو باہر ہے اُسے اَندر کروا دیتے ہیں اور جو اَندر ہے اُسے باہر نکال لاتے ہیں۔‘‘
ظفر کو عبدل کی باتوں میں مزہ آ رہا تھا۔ اس نے بات آگے بڑھاتے ہوئے سوال کیا۔ ’’اچھا! تو وکیل لوگ ایسا اُلٹا پلٹا کام کیوں کرتے ہیں بھلا؟‘‘
’’فیس کے لئے صاحب۔ اگر وہ لوگ یہ سب نہیں کریں گے تو اُن کو فیس کون دے گا؟‘‘
ظفر کو ایک بار شک گزرا کہ کہیں یہ احمق انسان اس کے منصوبے سے تو واقف نہیں ہو گیا؟ اور اگر اس نے یہ سب جلول جلال کو بتلا دیا تو کیا ہو گا؟ لیکن یہ محض اندیشہ تھا۔ ابھی تک تو اس منصوبے کی مکمل تفصیل اس نے اپنے دوست کیپٹن سعید شیرازی کو بھی نہیں بتلائی تھی۔ 
ظفر نے ہنس کر کہا۔ ’’عبدل میری رائے یہ ہے کہ تم ہوٹل کا کاروبار بند کر کے نجومی کا دفتر کھول لو۔‘‘
’’وہ کیوں ؟‘‘
’’اِس لئے کہ تم اَندر کی خبر اور باہر کی خبر۔۔۔ سب کچھ اچھی طرح جانتے ہو۔ کل کیا ہوا بلکہ کل کیا ہونے والا ہے، یہ سب تم کو پتہ چل جاتا ہے۔ قسم خدا کی تمہارا دھندہ خوب چلے گا۔ تم مجھے اپنے دفتر میں ملازم رکھ لینا۔‘‘
عبدل پہلی بار سنجیدہ ہو گیا اور بولا۔ ’’نہیں صاحب نہیں ! یہ نہیں ہو سکتا، ہم غریب ضرور ہیں لیکن دھوکے باز نہیں۔ ہم لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونک کر روپیہ کمانے کو اپنے لئے حرام سمجھتے ہیں۔ ہم نہ دال میں کنکر ملاتے ہیں اور نہ سچ میں جھوٹ، اس لئے ہم نہ تو نجومی بن سکتے ہیں اور نہ وکیل۔ ہم اپنی محنت کی سوکھی روٹی پر قناعت کرتے ہیں اور اسی میں خوش رہتے ہیں۔‘‘
ظفر کا دماغ چکرا گیا۔ اس نے چپ چاپ بریانی کی قیمت ادا کی اور واپس گھر آگیا۔ 



۹
ضمانت ضبط


سمیہ، ثریا اور صفدر کے لئے عدالت میں حاضری کا یہ پہلا موقع تھا، اس لئے تینوں اضطراب کی کیفیت میں مبتلا تھے۔ لیکن خود ظفر اقبال بھی اس مقدمے کے حوالے سے خاصہ بے چین تھا۔ اگر کوئی پُرسکون تھا تو وہ وکیل جلول جلال تھا۔ اس لئے کہ اس مقدمے کے آغاز سے لے کر انجام تک ہر شہ اس کے علم میں تھی۔ وہ مقدمہ کے فیصلے کو کھلی کتاب کی طرح پڑھ رہا تھا۔ یہ کتاب اس کی اپنی تصنیف تھی جسے اپنے ذہن میں لکھ کر اس نے دیگر لوگوں سے چھپا دیا تھا۔ سب سے زیادہ دلچسپ بات یہ تھی کہ وہ اس کتاب کا مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ اس کا ایک کر دار بھی تھا۔ وہ اندر ہی اندر ایک گونہ کیف و مسرت محسوس کر رہا تھا۔ 
صفدر کے نام کی منادی ہوئی تو پھر ایک بار اس نے اپنی ریڑھ کی ہڈی میں  جھرجھری سی محسوس کی۔ وہ بوجھل قدموں سے اپنے آپ کو ڈھکیلتا ہوا ملزم کے کٹہرے میں آن کھڑا ہوا۔ دونوں وکلاء نے اپنے اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کئے اور قاضیِ شہر نے صفدر سے پوچھا۔ 
’’کیا تم الزام سے واقف ہو؟‘‘
’’جی؟‘‘ صفدر نے گھبرا کر کہا اور پھر اپنے آپ کو سنبھال کر بولا۔ ’’جی ہاں ، جی ہاں میں جانتا ہوں۔‘‘
’’کیا تم اُسے قبول کرتے ہو؟‘‘
صفدر کے پیر تھر تھر کانپ رہے تھے اور اس کی زبان گنگ تھی۔ وکیل جلول جلال کو اُس کی اِس حالت پر ہنسی آ رہی تھی۔ وہ بولا۔ ’’چپ کیوں ہو؟ بولتے کیوں نہیں ؟‘‘ اَنداز کچھ ایسا تھا گویا اقرار کرنے پر اصرار کر رہا ہو۔ 
صفدر نے کہا۔ ’’جی۔۔۔ ؟ جی نہیں !! میں اس الزام سے اِنکار کرتا ہوں۔‘‘ یہ اس کے وکیل کا رٹایا ہوا جملہ تھا۔ اس تاکید کے ساتھ کہ اگر اس میں کوئی گڑبڑ ہو جائے تو کوئی کچھ نہیں کر سکتا۔ اسے عدالت سے سیدھے پھانسی کے تختے پر لے جایا جائے گا۔ جلول جلال نے تو یہ جملہ مذاق میں کہا تھا، لیکن صفدر کو خوفزدہ کرنے کے لئے اس میں کافی بارود موجود تھا۔ 
جج صاحب نے استفہامیہ انداز میں وکیل جلول جلال کی جانب دیکھا، گویا پوچھ رہے ہوں۔ ’’جیل یا بیل (ضمانت)؟‘‘
وکیل نے کھڑے ہو کر کاغذاتِ ضمانت جمع کروائے اور بولا۔ ’’میرا مؤکل بالکل بے قصور ہے۔ اسے ایک سازش کے تحت اصلی مجرم نے اس مقدمے میں پھنسایا ہے۔ اس نے کبھی کسی پولیس تھانے کی شکل تک نہیں دیکھی، اس کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے۔ اس لئے عدالت سے میری درخواست ہے کہ اس بے ضرر ملزم کے لئے ضمانت کی سہولت بحال کر دی جائے۔‘‘ سارے لوگوں کے چہرے پر اطمینان و سکون تھا اس لئے کہ ہر سین منظرنامہ کے مطابق رونما ہو رہا تھا۔ 
جج صاحب نے اب ظفر کی جانب سوالیہ نظروں سے دیکھا، گویا پوچھ رہے ہوں۔ ’’کوئی اعتراض؟‘‘
ظفر اپنی جگہ سے اُٹھا اور مسکرا کر وکیل جلول جلال کی جانب دیکھا۔ پھر اس کے بعد جج سے مخاطب ہو کر بولا۔ 
’’مائی لارڈ۔۔۔ مجھے خوشی ہے کہ فاضل ایڈوکیٹ صاحب کی رائے اپنے مؤکل کے بارے میں بہت اچھی ہے اور ہونی بھی چاہئے۔ لیکن ساتھ ہی مجھے افسوس ہے کہ ان کا یہ قیاس غلط ہے۔‘‘
وکیل جلول جلال نے اعتراض کرتے ہوئے کہا۔ ’’صحیح اور غلط کا فیصلہ آپ کو نہیں عدالت کو کرنا ہے۔۔۔ اور ہم یہاں فلمی مکالمے سننے کے لئے نہیں آئے ہیں۔ عدالت کا وقت قیمتی ہے، اس لئے اسے ضائع نہ کیا جائے۔‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ میں بھی یہی کہنا چاہتا ہوں کہ عدالت کا وقت قیمتی ہے۔۔۔‘‘ ظفر نے ترکی بہ ترکی جواب دیا۔ ’’۔۔۔ اس لئے بے جا اعتراضات کرنے کے بجائے ہر فریق کی بات کو صبر و سکون کے ساتھ سنا جائے۔ جس طرح صحیح یا غلط ہونے کا فیصلہ عدالت کرے گی، اُسی طرح میری دلیل فلمی ہے یا غیر فلمی۔۔۔ اس کا فیصلہ بھی کوئی وکیل نہیں کرے گا۔‘‘
وکیل جلول جلال کے دونوں گالوں پر دو زناٹے دار چانٹے پڑے اور اس کا چہرہ غصّے سے سرخ ہو گیا۔ جج نے مداخلت کی اور بولا۔ ’’آپ اپنا بیان جاری رکھیں اور کوئی بغیر اجازت بیچ میں نہ بولے۔‘‘ اشارہ جلول جلال کی طرف تھا۔ اس اضافی توہین سے اس کا دماغ اُبلنے لگا۔ ظفر کے لئے فضا موافق ہو چکی تھی۔ وہ تو چاہتا ہی یہ تھا کہ غصہ کے باعث جلول جلال کا دماغ کام نہ کرے۔ 
ظفر بولا۔ ’’جج صاحب۔۔۔ یہ ایک قتل کا مقدمہ ہے جس سے سارا ملک واقف ہو چکا ہے اور ساری قوم کی نظریں اس جانب لگی ہوئی ہیں۔ اس مقدمے کی سب سے اہم کڑی صفدر ہے۔ اس لئے عدالت سے میری درخواست یہ ہے کہ مزید تحقیقات کے لئے صفدر کو گرفتار کر کے پو لس کی  تحویل میں دے دیا جائے اور اس کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی جائے۔‘‘
جلول جلال سمجھ رہا تھا کہ یہ نیا رنگ روٹ ہے، عدالت کو متاثر کرنے کی خاطر بلاوجہ کی لفاظی کر رہا ہے۔ اس نے کہا۔ ’’جناب جج صاحب۔۔۔ تحقیقات پر کوئی احمق ہی اعتراض کر سکتا ہے۔ میرا مؤکل انتظامیہ سے بھرپور تعاون کا یقین دلاتا ہے اور پھر وہ اپنے حق میں ایک معزز ضامن کو بھی پیش کرتا ہے۔ اس لئے ان دو معاملات کو بلاوجہ ایک دوسرے سے منسلک کرنے کے بجائے جدا جدا رکھا جائے۔ اس کو ضمانت پر رہا کر کے تحقیقات کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔‘‘
’’مجھے بہت افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ فاضل وکیل اپنے مؤکل کے ارادوں سے واقفیت نہیں رکھتے، اس لئے اصرار کر رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ضمانت کے بعد یہ پنچھی اُڑ جائے گا اور ہم سب کفِ افسوس ملتے رہ جائیں گے۔‘‘ ظفر کی گفتگو نے عدالت میں موجود سارے لوگوں کو حیرت زدہ کر دیا تھا بشمول کیپٹن سعید شیرازی کے، جو عدالت کے اندر حاضر تھا۔ 
’’مجھے سرکاری وکیل کی گفتگو سے یوں محسوس ہو رہا ہے گویا وہ میرے مؤکل کے بارے میں مجھ سے زیادہ واقفیت رکھتے ہیں۔ حالانکہ یہ بھی ایک قیاس ہے۔ اس کے حق میں لفاظی کے علاوہ ابھی تک کوئی دلیل نہیں آئی اور میں سمجھتا ہوں کہ عدالت کے فیصلے اندیشوں پر نہیں ، دلائل کی بنیاد پر ہوتے ہیں۔‘‘
’’جی ہاں جج صاحب۔۔۔ میں فاضل وکیل کی ہر بات سے اتفاق کرتا ہوں ، اسی لئے ضمانت کا مخالف ہوں۔ مجھے ان کے مؤکل کے بارے میں ان سے زیادہ پتہ ہے اور میرے پاس دلائل موجود ہیں۔ اگر عدالت اجازت دے تو میں اُنہیں پیش کر سکتا ہوں۔‘‘
’’اجازت ہے۔‘‘
’’کیا میں ملزم سے کچھ سوال کر سکتا ہوں ؟‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ اس کی بھی اجازت ہے۔‘‘
’’تمہارا نام صفدر ہے؟‘‘
’’جی ہاں !‘‘
’’تم یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہو کہ تم صفدر ہی ہو؟‘‘
’’جی ہاں۔‘‘
’’کیا تمہارے پاس اس کا کوئی ثبوت ہے؟‘‘ بظاہر یہ بے سر پیر کے سوالات معلوم ہو رہے تھے۔ وکیل جلول جلال نے جج صاحب کی جانب دیکھا تو انہوں نے خاموش رہنے کا اشارہ کیا۔ جج صاحب کو ظفر کے اندازِ تکلم میں مزہ آ رہا تھا۔ 
’’جی ہاں ضرور ہے۔‘‘
’’کیا ثبوت ہے؟‘
’’میرا پاسپورٹ۔۔۔ اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو سکتا ہے؟‘‘
’’اچھا۔۔۔ یہ پاسپورٹ تو تمہارے دفتر میں جمع ہونا چاہئے تھا۔ یہ تمہارے پاس کیسے آگیا؟‘‘
’جی۔۔۔ جی میں نے اسے کل دفتر سے منگوا لیا۔‘‘
’’بہت خوب۔۔۔ کیا ایسا کرنے کے لئے تمہیں تمہارے وکیل صاحب نے کہا تھا؟‘‘
’’جی۔۔۔ جی نہیں۔۔۔ میں نے خود ہی۔۔۔ خود ہی ایسا کیا۔‘‘ صفدر کی زبان لڑکھڑانے لگی۔ 
’’تم کو پسینہ کیوں آ رہا ہے؟ کس نے تمہیں اِس بات کا مشورہ دیا، سچ سچ بتاؤ!‘‘
’’تھانیدار صاحب نے۔۔۔‘‘
’’تم نے تھانیدار کو بھی اپنا وکیل بنا رکھا ہے کیا؟‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ لیکن انہوں نے کہا تھا۔‘‘
’’وہ تمہارے گھر آئے تھے یہ کہنے کے لئے؟‘‘
’’جی نہیں !‘‘
’’پھر کیا تھانے میں بلوایا تھا تمہیں ؟‘‘
’’جی نہیں۔‘‘ صفدر کی حالت خراب ہو رہی تھی
’’پھر کیا الہام ہو گیا تم پر؟‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ میں نے اُنہیں فون کیا تھا؟‘‘
’’تم نے تھانیدار کو فون کیوں کیا؟‘‘
’’بس یوں ہی۔۔۔ یوں ہی فون کر دیا۔‘‘
’’یوں ہی تھانیدار کو فون کر دیا اور اس نے یوں ہی پاسپورٹ لانے کے لئے کہہ دیا اور یوں ہی تم نے دفتر سے پاسپورٹ حاصل کر لیا۔ سب کچھ یوں ہی ہو گیا؟‘‘
’جج صاحب۔۔۔ آپ کو نہیں لگتا کہ یوں ہی بہت کچھ ہو رہا ہے؟‘‘
وکیل جلول جلال نے مداخلت کی اجازت طلب کی اور بولا۔ ’’آج جرح کی تاریخ نہیں ہے۔۔۔ مائی لارڈ۔۔۔ میرے مؤکل کو بلاوجہ کے سوالات میں اُلجھا کر ہراساں کیا جا رہا ہے۔‘‘
جج نے اعتراض مسترد کرتے ہوئے ظفر سے بات آگے بڑھانے کے لئے کہا۔ اُنہیں لطف آ رہا تھا۔ 
’’تم کہاں کے رہنے والے ہو؟‘‘
’’جی۔۔۔ ملیشیا کا۔‘‘
’’تمہارے پاس کس ملک کا پاسپورٹ ہے؟‘‘
’’جی ملیشیا کا۔‘‘
’’۔۔۔ اور تم کہاں کا سفر کرنے والے ہو؟‘‘
’’سفر۔۔۔ کیسا سفر؟ میں کہیں کا سفر نہیں کرنے والا!‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو تم نے کل ایشین ٹراویل سے ٹکٹ کیوں بنوایا؟‘‘
’’ٹکٹ۔۔۔ کیسا ٹکٹ؟ میں نے کوئی ٹکٹ نہیں بنوایا۔‘‘
’’اچھا! تم نے سنگاپور کا ٹکٹ نہیں بنوایا؟‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ سنگاپور سے میرا کیا لینا دینا؟ میں وہاں کیوں جاؤں گا؟‘‘
’’اِس کا پتہ تو پولیس لگائے گی۔‘‘
ظفر نے جج صاحب کی جانب دیکھا اور پوچھا۔ ’’اگر اجازت ہو تو میں عدالت میں ملزم کا ٹکٹ پیش کروں ؟‘‘
’’اجازت ہے۔‘‘
ظفر نے ایشین ٹراویل کا ٹکٹ عدالت میں جمع کر دیا۔ 
صفدر بولا۔ ’’صاحب۔۔۔ یہ ٹکٹ جعلی ہے۔ میں نے کوئی ٹکٹ نہیں بنوایا۔ یہ سب جھوٹ ہے، مجھے پھنسایا جا رہا ہے۔‘‘
وکیل جلول جلال کے ہاتھوں سے طوطے اُڑ گئے تھے۔ 
ظفر بولا۔ ’’اپنے دفتر سے پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد سنگاپور کا ٹکٹ بنوانے والے ملزم کو جو عدالت میں اِن حقائق سے اِنکار کر رہا ہو، اگر ضمانت دے دی جاتی ہے تو اِس کا اَنجام کیا ہو گا، یہ بتانے کے لئے کسی نجومی کی مطلق ضرورت نہیں ہے۔‘‘
وکیل جلول جلال کے چہرے پر ہوائیاں اُڑ رہی تھیں۔ اس کا سارا کا سارا منصوبہ دھرا کا دھرا رہ گیا تھا۔ اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ کیا کرے اور کیا نہ کرے۔ یکبارگی تو اس کا دل چاہا کہ عدالت سے اُٹھ کر چلا جائے، اس لئے کہ صفدر نے اس کی مرضی کے خلاف کئی کام کر ڈالے تھے۔۔۔ اور تو اور۔۔۔ اِن باتوں کو اُس سے چھپانے کا جرمِ عظیم بھی اُس سے سرزد ہوا تھا۔ لیکن اس کام کے لئے یہ موقع مناسب نہیں تھا۔ لوگ اسے خوف سے بھاگ کھڑے ہونے کا مترادف سمجھ سکتے تھے۔ اِس لئے اُس نے اپنے آپ کو کسی طرح قابو میں رکھا اور بولا۔ ’’مائی لارڈ۔۔۔ میرے فاضل دوست نے جو بات ثبوت کے طور پر پیش کی ہے، اُس کی تصدیق ہونا باقی ہے، اور ایسے میں جبکہ صفدر اُسے جعلی قرار دے رہا ہے، یہ سب کسی گہری سازش کا حصہ ہو سکتا ہے۔ اس لئے عدالت سے میری درخواست ہے کہ اس پر اعتبار کرنے کے بجائے میرے مؤکل کی درخواستِ ضمانت کو منظور کیا جائے۔ عدالت احتیاط کے طور پر اس کا پاسپورٹ اپنی تحویل میں رکھ سکتی ہے۔‘‘
’’عزت مآب قاضیِ شہر سے بھی میں یہی کہوں گا کہ ضمانت دینے میں کوئی جلد بازی نہ کی جائے بلکہ ملزم کو تحقیقات کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا جائے اور ۱۴؍ دن بعد جب پولیس اور عدالت کو اطمینان ہو جائے تب ضمانت دے دی جائے۔ ورنہ ہم لوگ پنجرے کو میرا مطلب ہے پاسپورٹ کو تھامے بیٹھے رہیں گے اور پنچھی اُڑ جائے گا۔ 
جج نے مسکرا کر ظفر کی تائید کی اور صفدر کو ۱۴؍ دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ 
صفدر، سمیہ اور ثریا پریشان تھے کہ یہ سب کیا ہو گیا؟ ثریا کے ہاتھوں میں صفدر کی ضمانت کے کاغذات تھے، جنھیں عدالت میں جمع کر کے صفدر کو چھڑانے کے ارادے سے وہ آئی تھی۔ لیکن چونکہ اس کی توقع کے برخلاف صفدر ہی کو جمع کر لیا گیا تھا، اس لئے ان کاغذات پر لکھے سارے حروف بے معنیٰ ہو گئے تھے۔ جلول جلال کی جانب سے تیار کئے گئے اس ردّی کے پلندے کو اپنے ہاتھوں میں پکڑے ثریا کو یوں لگ رہا تھا گویا اس انتخابی جنگ میں رائے دہندگی سے قبل ہی اس کی ضمانت ضبط ہو گئی ہے۔ 
 وکیل جلول جلال نے پہلی مرتبہ ناکامی کا مزہ چکھا تھا۔ اس کے منہ کا مزہ خراب ہو گیا تھا۔ اس کا دماغی توازن بھی بگڑ گیا تھا۔ وہ عدالت سے اس طرح باہر آ رہا تھا جیسے ڈان بریڈمین کو کسی نئے بالر نے بغیر کسی رَن کے پہلے ہی اووَر کی آخری گیند پر کلین بولڈ کر دیا ہو، لیکن وہ دل ہی دل میں سوچ رہا تھا کہ اگلی اننگز میں اُسے دیکھ لوں گا۔ لیکن عدالت میں موجود مشاہدین کا خیال تھا کہ اس بوڑھے کھلاڑی کے دن لد چکے ہیں۔ اب یہ کبھی لوٹ کر نہیں آ سکتا۔ ظفر نے وکیل جلول جلال کی ناکامی کو اپنے لیے نیک شگون جانا۔ اسے یقین تھا کہ اس میچ کے آخری اووَر میں صفدر بھی اسی طرح پویلین کے بجائے پھانسی کا رُخ کرے گا۔ 


۱۰
اَندیشۂ لولاک


ظفر اس قدر تھکا ہوا تھا کہ گھر آتے ہی سو گیا۔ گزشتہ کئی راتوں کی بقایا نیند اُسے آج پوری کرنی تھی۔ آنکھ لگتے ہی زور زور سے دروازہ پیٹنے کی آواز نے اُسے جگا دیا۔ بستر سے اُٹھ کر وہ سیدھے حمام میں گیا اور منہ دھوکر دروازے پر پہنچ گیا۔ 
دروازے پر پولیس کے دو نوجوان کھڑے تھے۔ دُعا سلام کے بعد اُنہوں نے بتلایا کہ اُس کے نام کا وارنٹ ہے۔ 
’’وارنٹ؟ آپ لوگ غلط پتہ پر تو نہیں آ گئے؟ یہ ظفر اقبال کا گھر ہے۔‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ آپ کا بہت بہت شکریہ جو آپ نے تصدیق کر دی ورنہ ہم لوگ تو آپ کا معصوم چہرہ دیکھ کر دھوکہ کھا گئے تھے۔‘‘
’’یہ کیا بد تمیزی ہے؟ کیوں۔۔۔ تم لوگوں کا دماغ تو خراب نہیں ہو گیا؟‘‘
’’اِس سوال کا جواب آپ کو تھانے کے اندر ملے گا اور ہو سکتا ہے کہ جواب مثبت ہو۔‘‘
’’اچھا! لیکن میں تمہارے ساتھ تھانے چلوں گا تب نا؟‘‘
’’آپ کیا۔۔۔ آپ کے فرشتے بھی ہمارے ساتھ چلیں گے۔ اس عمارت کو پولیس نے گھیر رکھا ہے۔ اوپر فوجی ہیلی کاپٹر منڈلا رہا ہے۔ اب آپ دائیں بائیں ، آگے پیچھے اور اوپر نیچے کہیں بھی فرار نہیں ہو سکتے۔‘‘
’’کیسی باتیں کر رہے ہیں آپ لوگ؟ آخر کس جرم کی پاداش میں مجھے پھنسایا جا رہا ہے؟‘‘
’’سنا ہے آپ پیشے سے وکیل ہیں۔۔۔ اس لئے آپ کو اتنا تو پتہ ہی ہو گا کہ فردِ جرم عدالت میں پیش کی جاتی ہے۔‘‘
’’ہاں ہاں۔۔۔ مجھے پتہ ہے۔۔۔ لیکن کیا میں اپنا وارنٹ پڑھ سکتا ہوں ؟‘‘
’’کیوں نہیں صاحب۔۔۔ اگر آپ کو پڑھنا لکھنا آتا ہو تو ضرور پڑھ سکتے ہیں۔‘‘
’’تو کیا تم نے مجھے ناخواندہ جاہل سمجھ رکھا ہے؟‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ ایسی بات نہیں۔ ہم تو بس یوں ہی کہہ رہے تھے۔ اس لئے کہ اکثر آپ جیسے ملزمین کو ہمیں فردِ جرم پڑھ کر سنانی پڑتی ہے۔‘‘
’’زیادہ زبان نہ چلاؤ۔۔۔ لاؤ وارنٹ مجھے دو۔‘‘
’’ آپ بھی اپنی زبان پر لگام دیں اور یاد رکھیں کہ ہم پولیس والے ہیں۔ ہماری زبان اور ہاتھ ایک جیسے ہی چلتے ہیں۔‘‘ دوسرا سپاہی اپنی پستول سے کھیل رہا تھا۔ ظفر گھبرا گیا تھا۔ اس نے وارنٹ کو لے کر دیکھا تو اس میں اسے دہشت گرد گروہ کا سرغنہ بتلایا گیا تھا۔ ظفر کے ہاتھ سے کاغذ پھسل گیا۔ وہ بولا۔ ’’یہ کیا مذاق ہے؟ میری سمجھ میں کچھ بھی نہیں آ رہا۔‘‘
’’جناب آپ ایسا کریں۔۔۔ با  عزت طریقے سے ہمارے ساتھ تھانے چلیں۔ وہاں سب کچھ سمجھ میں آ جائے گا۔ ورنہ اگر ہم یہاں سمجھانے لگیں گے تو سارے محلے کو پتہ چل جائے گا اور اس کے بعد لوگ آپ سے نہ صرف سارے رابطے منقطع کر لیں گے، بلکہ آس پاس کے گھر بھی خالی ہو جائیں گے۔ اس لئے کہ دہشت گردوں کے ساتھ بھلا کون رہنا پسند کرے گا؟‘‘
’’لیکن میں دہشت گرد نہیں ہوں۔‘‘
’’یہ آپ عدالت میں ثابت کریں اور جب تک آپ کو اپنی اس کوشش میں کامیابی نہیں ملتی، اُس وقت تک آپ خطرناک دہشت گرد ہیں۔ چلئے جلدی کیجئے تھانے میں تمام اخبارات والے اور ٹیلی ویژن کے لوگ آپ کا انتظار کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے کہ وہ واپس جائیں ، ہمیں آپ کو زندہ یا مردہ وہاں پہنچانے کا حکم ہے۔‘‘
’’کیا کہا۔۔۔ زندہ یا مردہ۔۔۔ ؟‘‘
’’جی ہاں ! آپ نے سنا ہو گا۔۔۔ اکثر خطرناک قسم کے مجرم بھاگنے کی کوشش کرتے ہیں اور ہم لوگوں کو ان کا انکاؤنٹر کر دینا پڑتا ہے۔‘‘
’’انکاؤنٹر۔۔۔ ؟‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ اِسی لئے میں ایک انکاؤنٹر اسپیشلسٹ بھی اپنے ساتھ لایا ہوں۔‘‘
’’وہ کون ہے؟‘‘
’’ابھی بلاتا ہوں۔‘‘ حوالدار نے آواز دی۔ ’’صفدر۔۔۔ اندر آؤ۔۔۔ صاحب تمہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔‘‘
’’صفدر۔۔۔ !! یہ تو جانا پہچانا نام لگتا ہے۔‘‘ ایک لمحے بعد صفدر ایک نہایت جدید خودکار پستول کے ساتھ اندر داخل ہوا۔ 
ظفر کے پیروں تلے سے زمین نکل گئی۔ یہ تو وہی صفدر تھا، جسے ایک سازش کر کے ظفر نے جیل بھجوایا تھا۔ ظفر بولا۔ ’’ارے یہ کیا۔۔۔ تم جیل کے اندر جاتے ہی پولیس کے محکمہ میں شامل ہو گئے؟‘‘
’’جناب! میں تو ہمیشہ سے پولیس کے محکمے میں کام کرتا تھا۔ آپ کے جیل بھجوانے سے قبل بھی اور اس کے بعد بھی۔‘‘
’’کیا۔۔۔ ؟‘‘ ظفر کے پیروں تلے سے زمین نکل گئی۔ ’’۔۔۔ اور وہ گولڈن ٹرائنگل یعنی طلائی مثلث۔۔۔ ؟‘‘
’’وہاں مجھے پولیس کی جانب سے تعینات کیا گیا تھا۔‘‘
’’اچھا! اور وہ جوتم پر الزام۔۔۔ ؟‘‘
’’سو تو یوں ہی گڑھ لیا گیا تھا، تاکہ اصلی مجرم تک پہنچا جا سکے۔‘‘
’’تو وہ مجرم کون ہے؟‘‘
’’وہی جس نے مجھے جعلی ٹکٹ کے ذریعہ سنگاپور بھیجنے کی کوشش کی۔ اب وہ مجرم زیرِ دام آ چکا ہے۔ اب یا تو اس کو پھانسی ہو گی یا۔۔۔ !‘‘ صفدر رُک گیا۔ 
’’یا کیا۔۔۔ ؟‘‘
’’یا انکاؤنٹر۔۔۔ بس ! بس دو ہی متبادل ہیں !! تم نے سنا نہیں کہ۔۔۔ پولیس محکمے کا میں۔۔۔‘‘
ظفر نے جملہ پورا کیا۔ ’’انکاؤنٹر اسپیشلسٹ ہوں۔‘‘
’’تمہارے ایشین ٹراویل سے رابطہ قائم کرنے کے ایک گھنٹہ بعد میرے موبائل پر فون آیا کہ میرا ٹکٹ تیار ہے وہ استقبالیہ میں بل سمیت رکھا ہوا ہے۔ میں سمجھ گیا مجرم حرکت میں آ چکا ہے۔ میں نے ایجنسی کے منیجر کو فون کر کے اپنا تعارف کروایا اور اس سے کہا کہ جو شخص ٹکٹ لینے کے لئے آئے، دفتر میں لگے کیمروں سے اس کی فلم اُتار لی جائے۔ نیز جو نوٹ وہ دے اُن کو علیحدہ رکھا جائے، تاکہ اس کی اُنگلیوں کے نشانات کو محفوظ کیا جا سکے۔ اس شخص کی نگرانی میں خفیہ ایجنسی کے ایک اہل کار کو لگا دیا گیا تاکہ اس کے تعاقب میں مجرم تک رسائی ہو سکے۔ لیکن ہماری حیرت کی انتہا نہ رہی جب تم خود ٹکٹ لینے کے لئے وہاں پہنچے۔ اس کے باوجود ہمارا قیاس تھا کہ کوئی اور شاطر مجرم تمہاری معصومیت کا فائدہ اٹھا کر تمہیں استعمال کر رہا ہے، مگر افسوس ہمارا اندازہ غلط نکلا۔ تم نے کسی سے نہ ملاقات کی اور نہ فون پر بات کی، جس سے ظاہر ہو گیا کہ اصل مجرم کوئی اور نہیں بلکہ تم خود ہو اور اپنے آپ کو بچانے کے لئے مجھے پھنسا رہے ہو۔ اس حقیقت کو عدالت میں ثابت کرنے کی خاطر سارے ثبوت ہم نے فراہم کر لئے ہیں۔۔۔ کیا سمجھے؟‘‘
’’جی میں سب سمجھ گیا۔ لیکن اس معاملے میں تو میرے خلاف زیادہ سے زیادہ جعل سازی کا مقدمہ بنتا ہے؟ یہ دہشت گردی درمیان میں کہاں سے آ گئی؟‘‘
’’تمہاری بات صحیح ہے۔ اگر تم نے یہ سب کچھ محض معاشی فائدہ حاصل کرنے کے لئے کیا ہوتا تو یقیناً جعل سازی قرار پاتا۔ لیکن تم تو اس کے ذریعہ ایک معصوم کو سولی پر چڑھوانا چاہتے تھے۔ اس لئے یہ سیدھے سیدھے قتل کی ایک نہایت کامیاب کوشش قرار پاتی ہے۔ تم نے یہ سب اس قدر صفائی کے ساتھ کیا کہ وکیل جلول جلال کے ذریعہ کی گئی درخواستِ ضمانت مسترد ہو گئی۔ اگر کوئی معمولی آدمی ہوتا تو تم اُسے پھانسی کے تخت تک پہنچا ہی دیتے۔ اسی لئے ہم لوگوں نے پہلے انکاؤنٹر کر کے تمہارا پتہ صاف کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاکہ تم قانونی داؤ پیچ کی مدد سے اپنے آپ کو نہ بچا سکو۔‘‘
ظفر کی ریڑھ کی ہڈی میں جھرجھری سی محسوس ہوئی۔ اس کے باوجود اُس نے اپنے ہوش مجتمع کر کے سوال کیا۔ ’’اچھا۔۔۔ تو کیا میں یہ جان سکتا ہوں کہ آخر آپ لوگوں نے اپنا فیصلہ کیوں بدلا؟‘‘
’’وہ تمہارے دوست کیپٹن سعید شیرازی کی وجہ سے۔۔۔ اس نے کہا کہ اُس کا انکاؤنٹر نہ کرو۔ اُس کو گھٹ گھٹ کر ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مرنے کے لئے زندہ چھوڑ دو۔‘‘
’’اوہ۔۔۔ بہت خوب! میرا محسن میرا یار۔۔۔ ! کیا میں اس سے بات کر سکتا ہوں ؟ میں تو بھول ہی گیا تھا!‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ آپ ان سے بات نہیں کر سکتے۔ ہمیں سخت ہدایت ہے کہ ان کا فون تمہارے لئے نہ ملایا جائے۔ انہوں نے اپنے فون سے تمہارا نام نکال دیا ہے۔ تم ان کی نظر سے گر چکے ہو۔‘‘
ظفر زمین میں دھنسا جا رہا تھا۔ گویا وہ زندہ درگور ہو رہا تھا۔ وہ سوچ رہا تھا کہ کاش !کیپٹن سعید نے اسے انکاؤنٹر ہونے سے بچایا نہ ہوتا۔ 
سر سے پیر تک ظفر پسینے میں شرابور ہو چکا تھا۔ دروازے کی گھنٹی مدھم سُر میں بج رہی تھی۔ اِس کے باوجود اُس کی نیند کھل گئی۔ اس بھیانک خواب کا اثر آنکھ کے کھلنے پر بھی باقی تھا۔ کیسا بھیانک خواب تھا۔ ظفر نے اپنے آپ کو سنبھالا اور دروازہ کھولا تو سامنے کیپٹن سعید شیرازی کھڑا تھا۔ 
 کیپٹن سعید نے دروازہ کھلتے ہی اسے گلے لگا لیا اور بولا۔ ’’یار تم نے تو آج غضب کر دیا۔ ہر ٹی۔ وی چینل پر تم چھائے ہوئے ہو۔ کل سارے اخبارات میں تمہاری تصویر ہو گی۔ تم نے تو پہلے ہی معرکے میں میدان مار لیا۔ لیکن یہ کیا۔۔۔ ؟ تم ائیر کنڈیشن بند کر کے کیوں سو رہے ہو؟ پسینہ پسینہ ہو رہے ہو! خیریت تو ہے؟ طبیعت تو ٹھیک ہے نا۔۔۔ ؟ کہیں تمہیں کسی کی بُری نظر تو نہیں لگ گئی؟‘‘
ظفر بولا۔ ’’نظر۔۔۔ کس کی نظر؟ کیسی دقیانوسی باتیں کرتے ہو یار!‘‘
’’ارے بھئی۔۔۔ نظر کسی کی بھی لگ سکتی ہے۔ آج کی تاریخ میں تم نہ جانے کتنوں کی نظر کا تارہ بن گئے ہو۔ مجھے تو لگتا ہے تمہیں ثریا کی نظر لگ گئی؟ بڑے غور سے وہ مقدمے کی کارروائی دیکھ رہی تھی۔‘‘
’’اور تم اُسے دیکھ رہے تھے۔ لاؤ۔۔۔ ابھی فون لگاتا ہوں بھابی کو۔‘‘
’’دیکھو تم بھی کیسے احسان فراموش ہو؟ میں تمہارا گھر بسانا چاہتا ہوں اور تم میرا گھر اُجاڑنے پر تلے ہوئے ہو۔‘‘
ظفر مسکرا کر بولا۔ ’’یار بقول شاعر ’’بستی بسنا کھیل نہیں / بستے بستے بستے بستے۔۔۔‘‘
’’یہ تمہاری زبان کو کیا ہو گیا؟ کیوں نہیں کہتے ’’بستے بستے بستی ہے۔‘‘
ظفر مسکرا کر بولا۔ ’’جب بس جائے گی تو کہہ دیں گے۔ ابھی سے کیوں کہیں۔‘‘
’’گھبراؤ نہیں ! جلد ہی بس جائے گی۔‘‘ کیپٹن سعید نے کہا۔ ’’چلو کسی بہانے تمہارے چہرے پر مسکراہٹ تو آئی۔ ورنہ تم نے توایسا چہرہ بنا رکھا تھا کہ گویا تم مقدمہ ہار چکے ہو۔‘‘
’’ہاں۔۔۔ تو، میں نے مقدمہ جیتا ہی کب ہے؟ ابھی تو صرف ضمانت کی درخواست مسترد ہوئی ہے۔‘‘
’’لیکن لوگوں نے تو یہ کہنا شروع کر دیا ہے کہ تم نے مقدمہ جیت لیا ہے۔‘‘
’’لوگوں کے کہنے سے کیا ہوتا ہے؟‘‘
’’کیوں ؟ اگر اُن کہنے والے لوگوں میں شہر کا قاضی بھی شامل ہو تب؟‘‘
’’لیکن قاضی صاحب کیا سوچتے ہیں ، یہ تمہیں کیسے پتہ؟‘‘
’’انسان اپنے دل کے اندر جو کچھ چھپا کر رکھتا ہے، وہ اس کی آنکھوں سے عیاں ہو جاتا ہے۔ میں نے جج صاحب کی آنکھوں سے ان کے دل میں جھانک کر دیکھ لیا۔ انہوں نے صفدر کو پھانسی پر چڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔‘‘
’’لیکن صفدر تو۔۔۔ ؟‘‘ ظفر کو خواب یاد آگیا۔ 
کیپٹن سعید نے اس کا جملہ کاٹتے ہوئے کہا۔ ’’صفدر کو آج سارا شہر قاتل کہہ رہا ہے۔ کل جج صاحب بھی کہہ دیں گے۔‘‘
’’لیکن اس کے لئے اُنہیں ٹھوس شواہد کی ضرورت ہو گی۔ وہ کہاں سے آئیں گے؟‘‘
’’ہم کس مرض کی دوا ہیں برخوردار۔۔۔ ؟ صفدر فی الحال ہماری تحویل میں ہے اور اب اسے وہی بولنا ہو گا جو ہم چاہیں گے۔ اب تم بتاؤ کہ اُسے کیا کہنا ہے؟‘‘
’’میں کیا بتاؤں بھائی۔۔۔ وہ قاتل ہے۔۔۔ اپنے جرم کا اعتراف کر لے، بس! اس کے سوا میں اور کیا چاہتا ہوں ؟‘‘
کیپٹن سعید نے تائید کی اور بولا۔ ’’ایسا ہی ہو گا! دیکھو، تم نے اپنا وعدہ پورا کر دیا۔ اب عہد نبھانے کی ہماری باری ہے اور یقین رکھو، ہم تمہیں مایوس نہیں کریں گے۔ صفدر تو کیا اس کے فرشتے بھی۔۔۔‘‘
’’اپنے جرم کا اعتراف کریں گے۔‘‘ دونوں دوستوں نے ایک زبان ہو کر کہا۔ 


۱۱
مدعی چست وکیل سست


صفدر کے لئے جیل جانے کا تصوّر ہی نہایت بھیانک تھا۔ جیل خانے سے متعلق وہ تمام باتیں جو اُس نے اخبارات اور دیگر کتابوں میں پڑھ رکھی تھیں ، اس کے ذہن میں تازہ ہو گئی تھیں۔ فلموں کے پردے پر دیکھے ہوئے مختلف مناظر اس کی آنکھوں کے آگے گھوم رہے تھے۔ لیکن جب وہ جیل میں داخل ہوا تو اُسے پتہ چلا کہ اُن میں حقیقت کم فسانہ زیادہ تھا۔ جیل کی دُنیا اِس قدر سیدھی سادی تھی کہ اگر اُسے اِسی طرح دِکھلا دیا جائے تو فلم بے مزہ ہو جائے اور خبر کا اثر زائل ہو جائے۔ اِسی لئے لوگ اس میں نمک مرچ ملا کر اس کا ذائقہ بڑھانے کی کوشش کرتے تھے۔ جیل جانے کے بعد اس کی سب سے پہلی ملاقات وکیل جلول جلال سے ہوئی۔ وکیل جلول جلال اُسے ضروری ہدایات دینے کے لئے آیا تھا۔ 
’’دیکھو صفدر۔۔۔ تم نے کوئی جرم نہیں کیا ہے۔ اس لئے گھبرانے کی مطلق ضرورت نہیں۔‘‘ وکیل کہہ رہا تھا
صفدر نے سوال کیا۔ ’’وکیل صاحب! کیا آپ کو کبھی جیل میں جانے کا اتفاق ہوا ہے؟‘‘
’’کیا مطلب؟‘‘
’’مطلب۔۔۔ ! مطلب کچھ بھی نہیں۔ میں تو یوں ہی معلومات کے لئے پوچھ رہا تھا۔‘‘
’’لیکن اس کی کوئی وجہ تو ہونی چاہئے؟ بلاوجہ کر دیا تم نے یہ سوال؟‘‘
’’جی نہیں جناب! اس کی وجہ ہے۔ اگر آپ کو بھی پہلے کبھی جیل میں جانے کا۔۔۔ میرا مطلب ہے جیل میں آنے کا اتفاق ہوا ہوتا، تو شاید آپ مجھ سے یہ نہیں کہتے۔‘‘
’’مسئلہ میرا نہیں تمہارا ہے۔ اس لئے فی الحال تم اپنی فکر کرو۔‘‘ وکیل نے حسبِ معمول چڑ کر کہا۔ 
’’جی ہاں سر۔۔۔ اِسی لئے تو میں فکرمند ہوں۔ مسئلہ میرا ضرور ہے لیکن اسے پیدا کرنے والے آپ ہیں۔ آپ اس مسئلہ کے باپ ہیں۔ میں بلاوجہ اس کا حمل ڈھو رہا ہوں۔‘‘
وکیل کو اِس جواب کی توقع نہیں تھی۔ وہ جھلاّ گیا اور بولا۔ ’’تم کو کیا لگتا ہے۔۔۔ میں نے یہاں آ کر غلطی کی ہے؟‘‘
’’جی نہیں سرکار۔۔۔ غلطی آپ نے نہیں ، بلکہ میں نے کی تھی جو اپنے شہر سے دور دراز کا سفر کر کے آپ سے ملاقات کے لئے گیا تھا۔ خیر، وہ تو پہلی غلطی تھی۔ اس کے بعد میں نے آپ کا احمقانہ مشورہ مان لیا، یہ میری دوسری غلطی تھی اور بالآخر آپ کی یقین دہانیوں پر ایمان لے آیا۔۔۔ یہ میری تیسری اور سب سے بڑی غلطی تھی۔‘‘ صفدر آپے سے باہر ہو رہا تھا۔ 
وکیل جلول جلال سے آج تک کسی مؤکل نے اس طرح بات نہیں کی تھی۔ اس کے باوجود وہ غصہ کو پی کر بولا۔ ’’تو کیا تم چاہتے ہو کہ میں واپس چلا جاؤں ؟‘‘
’’دیکھئے جناب۔۔۔ میں نے تو آپ کو نہیں بلایا۔ آنے کا فیصلہ آپ نے خود کیا تو جانے کا فیصلہ میں کیسے کر سکتا ہوں ؟ آپ کی مرضی ہے، آپ آئیں یا جائیں۔ آپ قیدی نہیں بلکہ آزاد ہیں۔ وہ تو میں ہوں جو نہ اپنی مرضی سے آیا ہوں اور نہ اپنی مرضی سے جا سکتا ہوں۔‘‘
وکیل جلول جلال کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور وہ اپنی جگہ سے اُٹھ کر بغیر کچھ کہے دروازے کی جانب چل دیا۔ ان باتوں کو اپنے  سینے میں دبائے وہ لوٹ رہا تھا جنھیں کہنے کے لئے وہ آیا تھا۔ لیکن اسے خوف تھا کہ اگر صفدر نے پولیس کے سامنے اس کا منصوبہ ہو بہو بیان کر دیا تو اس کی برسوں کی ساکھ یکلخت ختم ہو جائے گی۔ لوگ سوچنے لگیں گے کہ اس سے پہلے بھی وہ اسی طرح خیالی مقدمات بنا کر ان میں کامیابی درج کرواتا رہا ہے۔ اس کے بعد وہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا۔ صفدر تو رِہا ہو جائے گا، لیکن اس کا اپنا بیڑہ غرق ہو جائے گا۔ وکیل جلول جلال کا مسئلہ اس نئی صورتحال میں صفدر سے زیادہ سنگین ہو گیا تھا۔ 
وکیل جلول جلال جب دروازے کے قریب پہنچا تو سامنے سے ثریا اور سمیہ آتے دکھلائی دئیے۔ اسے ان دونوں میں اُمید کی ایک کرن نظر آئی۔ 
ثریا بولی۔ ’’اوہو۔۔۔ وکیل صاحب! کیا آپ ملاقات کر چکے؟ کیا حال ہے اس نئے قیدی کا؟‘‘
جلول جلال بولا۔ ’’جی ملاقات تو ہو گئی۔ میرا خیال ہے اس کا دماغ خراب ہو گیا ہے؟‘‘
’’کیا؟‘‘ سمیہ نے چونک کر پوچھا۔ ’’تب تو وہ لوگ اُسے پاگل خانہ روانہ کر دیں گے۔۔۔ اور اگر ایسا ہوا تو میرے مقدمے کا کیا ہو گا؟‘‘
ثریا بولی۔ ’’تم کس قدر خودغرض ہو سمیہ! صفدر کے پاگل ہو جانے پر تمہیں کوئی تشویش نہیں ، بلکہ تمہیں اپنے مقدمے کی پڑی ہوئی ہے؟ میں کہتی ہوں بھاڑ میں جائے یہ فرضی مقدمہ۔‘‘
ثریا کے منہ سے فرضی مقدمہ کی اصطلاح سن کر وکیل جلول جلال کے قدموں تلے سے زمین کھسک گئی۔ وہ بولا۔ ’’کیسی باتیں کرتی ہو بی بی؟ کوئی سن لے گا تو مسئلہ ہو جائے گا۔‘‘
’’ہو جائے گا تو ہو جائے۔۔۔ مجھے اس کی کوئی فکر نہیں ہے۔ میں تواس ڈرامے سے تنگ آ چکی ہوں۔ آپ نے پہلے کہا، اُس کی ضمانت ہو جائے گی۔۔۔ وہ جیل چلا گیا۔ اس کے بعد آپ کہہ رہے ہیں وہ پاگل ہو گیا ہے۔۔۔ اور سمیہ کو اپنے مقدمے کی فکر لگی ہوئی ہے۔ اگر یہ بات سچ ہے تو میں خود جا کر پولیس کو سچ سچ بتلا دوں گی۔ اس کے بعد جو ہونا ہے سوہو جائے۔‘‘
جلول جلال کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ وہ کس کس کو سمجھائے۔ اُسے لگ رہا تھا ان سارے لوگوں نے مل جل کر اس کے خلاف محاذ چھیڑ دیا ہے۔ وہ سمیہ سے مخاطب ہو کر بولا۔ ’’آپ اپنی سہیلی کو سمجھائیں کہ وہ کوئی حماقت نہ کر بیٹھے، ورنہ صفدر کے بجائے یہ خود پھنس جائے گی۔‘‘
ثریا بولی۔ ’’اپنی بلا سے، میں نہیں ڈرتی۔ لیکن میں سچ بول کر رہوں گی۔‘‘
سمیہ بولی۔ ’’اری میری ماں ! تجھے جو کرنا ہے کر، لیکن یوں تماشہ تو نہ کر۔ میں نے مذاق میں ایک بات کہی اور تم اُس سے چراغ پا ہو گئیں۔ پہلے مجھے ڈانٹا اور پھر وکیل صاحب پر برس پڑیں۔ اگر انہوں نے مقدمے سے ہاتھ کھینچ لیا تو تمہارے صفدر کو کون بچائے گا؟ اور پھر اصل سزا تو مجھے ہی ہونی ہے۔ میرے پھانسی چڑھنے سے قبل صفدر رِہا ہو جائے گا۔ کیا سمجھیں ؟
’’میری سمجھ میں کچھ بھی نہیں آ رہا ہے۔‘‘ ثریا نے کہا۔ ’’ایسا بھی کوئی مذاق ہوتا ہے؟ صفدر پاگل ہو رہا ہے اور تمہیں دل لگی سوجھ رہی ہے۔‘‘
وکیل جلول جلال بولا۔ ’’ثریا، میں معافی چاہتا ہوں۔ غلطی مجھ سے ہوئی جو میں نے صفدر کو پاگل کہہ دیا۔ دراصل بات یہ ہے کہ اس نے میرا دماغ خراب کر دیا تھا۔ وہ تو اچھا بھلا ہے، میرا دماغی توازن بگڑ چکا ہے۔‘‘
ثریا بولی۔ ’’میں آپ کے بارے میں تو نہیں جانتی، لیکن سمیہ کے بارے یقین کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ یہ دماغی مریض ہے اور بالآخر اس کا یہ جنون ہم سب کو دیوانہ بنا دے گا۔‘‘
’’نہیں ثریا، دھیرج رکھو اور میں جیسا بولتا ہوں ویسا کرو۔ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔ صفدر کو بولو کہ وہ بھی میری ہدایات پر عمل کرے اور مجھ سے کوئی بات نہیں چھپائے۔ اس روز عدالت میں اس کے پاسپورٹ اور ٹکٹ نے سارا معاملہ خراب کر دیا۔‘‘
’’وہ پاسپورٹ تو میں نے دفتر سے نکلوایا تھا، لیکن ٹکٹ کے بارے میں اس نے مجھے بھی نہیں بتایا۔‘‘
’’تم نے دفتر سے پاسپورٹ کیوں حاصل کیا؟‘‘
’’وہ کہہ رہا تھا کہ تھانیدار نے اسے پاسپورٹ حفظ ما تقدم کے طور پر اپنے پاس رکھنے کے لئے کہا ہے۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ اور وہ ہوائی ٹکٹ؟‘‘
’’اِس بارے میں میں پتہ لگاؤں گی۔‘‘
’’ٹھیک ہے! آپ لوگ واپس آؤ، تب تک میں یہاں انتظار گاہ میں بیٹھا ہوں اور ہاں اسے یہ ضرور بتانا کہ اپنے سارے بیانات یاد رکھے۔ ان میں کسی بھی قسم کا تضاد مہنگا پڑ سکتا ہے۔ نیز کچھ کہنے یا کرنے سے قبل مجھ سے مشورہ ضرور کرے۔‘‘
سمیہ اور ثریا نے جب صفدر سے ملاقات کی تو انہوں نے اُسے خوش و خرم پایا۔ ابھی تک اس نے جیل میں صرف ایک رات گزاری تھی اور کوئی غیر معمولی واقعہ رُو نما نہیں ہوا تھا، بلکہ اس کی تفتیش کا سلسلہ بھی شروع نہیں ہوا تھا۔ صفدر نے ثریا سے دفتر کا حال معلوم کیا تو اس نے بتایا۔ ’’گھبرانے کی کوئی بات نہیں۔ سارے لوگوں کو یقین ہے کہ تم بے گناہ ہو اور جب بری ہو کر آؤ گے تو تمہاری ملازمت بحال کر دی جائے گی۔‘‘ ٹکٹ کے متعلق پوچھے جانے پر اس نے بتایا کہ اس نے کوئی ٹکٹ نہیں بنایا یہ جعلی دستاویز ہے اور اسے یقین ہے کہ عدالت میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ ثریا کو بار بار جلول جلال کا تبصرہ یاد آ رہا تھا۔ وہ بولی۔ ’’صفدر۔۔۔ تم نے جلول جلال سے کیا کہہ دیا؟ وہ بہت ہی حواس باختہ معلوم ہو رہا تھا۔‘‘
’’اچھا! یہ تمہیں کیسے پتہ۔۔۔ ؟ وہ راستے میں مل تو نہیں گیا تھا؟‘‘
’’دراصل وہ ہم لوگوں سے دروازے پر ہی مل گیا، بلکہ اس کی وجہ سے ہم دونوں میں بھی لڑائی ہو گئی۔‘‘ سمیہ نے کہا۔ 
’’تم دونوں میں۔۔۔ ؟ وہ کیوں ؟‘‘
’’دراصل تمہارے پاگل ہو جانے کی خبر کو ثریا نے سچ مان لیا اور مجھ پر بگڑ گئی۔‘‘
’’میں اس لئے نہیں بگڑی کہ یہ پاگل ہو گیا بلکہ تم نے اس خبرسے صرفِ نظر کرتے ہوئے اپنے مقدمہ کی بات کہہ دی، اس سے معاملہ بگڑ گیا۔‘‘
’’مجھے یقین تھا کہ وہ بیوقوف غلط بول رہا ہے۔ اس لئے کہ صفدر کے پریشان ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ اس نے کوئی جرم نہیں کیا ہے اور میرے ہوتے ہوئے اسے کوئی سزا نہیں دے سکتا۔‘‘
’’اوہو! تم تو جلول جلال سے بھی زیادہ اعتماد سے بات کر رہی ہو۔‘‘
’’کیوں نہیں۔۔۔ وہ بے چارہ تو ایک وکیل ہے۔ لیکن میں۔۔۔ میں تو مدعی ہوں۔ اگر میں اپنا مقدمہ واپس لے لوں تو کوئی کچھ نہیں کر سکتا۔‘‘
ثریا بولی۔ ’’سو تو ہے۔۔۔ لیکن اگر۔۔۔‘‘
صفدر نے پوچھا۔ ’’لیکن اگر کیا؟‘‘
’’کچھ نہیں۔‘‘ ثریا نے جواب دیا۔ 
سمیہ نے کہا۔ ’’بولو ثریا، رُک کیوں گئیں ؟‘‘
’’نہیں نہیں۔۔۔ کچھ نہیں۔ چھوڑو، جانے دو۔‘‘
ثریا بولی۔ ’’وہ بوڑھا کھوسٹ کہہ رہا تھا کہ صفدر سے کہو اپنے بیانات یاد رکھے، کوئی تضاد نہ ہو۔ نیز اس سے مشورہ کئے بغیر نہ کچھ بولے اور نہ کوئی اقدام کرے۔‘‘
’’ٹھیک ہے۔ اُس کو بتا دو کہ میں اُس کا زر خرید غلام نہیں ہوں۔ ہم نے اسے وکیل کیا ہے اور اس کو فیس ادا کرتے ہیں۔ اس لئے ہم پر حکم نہ چلائے۔۔۔ اور یہ بھی کہہ دو کہ ہم اپنا بھلا بُرا اس سے زیادہ بہتر سمجھتے ہیں۔‘‘ صفدر نے ٹکا سا جواب دیا۔ 
ثریا بولی۔ ’’یہ جلول جلال کا نام لیتے ہی تمہیں کیا ہو جاتا ہے؟ اگر ہم نے اس سے یہ سب کہہ دیا تو وہ بے چارہ خودکشی کر لے گا۔‘‘
’’اپنی بلا سے۔۔۔ میں کچھ نہیں جانتا۔ میں تو وہی کروں گا جو میرا من کرے گا۔‘‘
صفدر نے وہی جملہ دوہرایا جو تھوڑی دیر قبل ثریا کہہ چکی تھی۔ سمیہ کو ان دونوں کی فکری ہم آہنگی نے حیرت میں ڈال دیا تھا۔ ایسا لگتا تھا جیسے دونوں کے اندر ایک ہی دماغ کارفرما ہے
سمیہ اور ثریا نے خرچ کے لئے کچھ روپئے صفدر کو دیئے اور واپس لوٹے تو جلول جلال محوِ انتظار تھا۔ ان لوگوں نے جلول جلال کو جھوٹ موٹ یقین دلایا کہ صفدر اس کی مرضی کے بغیر کوئی کام نہیں کرے گا۔ لیکن چونکہ وہ کچھ ناراض تھا، اس لئے اس سے ملاقات کرنے کے بجائے اسے جو بھی کہنا یا کرنا ہے، وہ ثریا کے توسط سے بتلا دے۔ جلول جلال کے لئے یہ تجویز زیادہ قابلِ قبول تھی، اس لئے کہ وہ خود صفدر کی بد مزاجی سے بیزار ہو چکا  تھا۔ 
سمیہ راستے میں تھی تو ظفر اقبال کا فون آیا۔ وہ اس سے ملاقات کرنا چاہتا تھا۔ سمیہ نے اس کے دفتر جانے کے بجائے اُسے اپنے گھر بلا لیا اور اس طرح یہ تینوں تقریباً ساتھ ہی گھر پہنچے۔ 
ظفر اور سمیہ کو مہمان خانے میں چھوڑ کر ثریا باورچی خانے میں چائے بنانے کے لئے چلی گئی۔ 
سمیہ نے خیر و عافیت پوچھنے کے بعد ملنے کی غرض و غایت دریافت کی۔ 
ظفر بولا۔ ’’سمیہ! اگر آپ بُرا نہ مانیں تو میں آپ سے ایک ذاتی قسم کا سوال کروں ؟‘‘
’’اگر سوال کا تعلق بلواسطہ یا بلاواسطہ مقدمے سے ہے تو ضرور کریں۔‘‘
’’اور اگر نہیں ہے تو۔۔۔ ؟‘‘
’’دیکھئے۔۔۔ میں ذاتی معاملات میں نہ دلچسپی لیتی ہوں اور نہ اسے پسند کرتی ہوں کہ۔۔۔‘‘
’’میں سمجھ گیا۔‘‘ ظفر بیچ میں بول پڑا۔ ’’دراصل اس سوال کا براہِ راست تعلق مقدمے سے ہے۔‘‘
’’تب تو آپ بلا جھجک پوچھیں۔‘‘ وہ سوچ رہی تھی کہ یہ شخص نہ جانے کیا پوچھ بیٹھے اور کوئی نیا مسئلہ کھڑا ہو جائے۔ 
’’میں صرف یہ جاننا چاہتا تھا کہ صفدر کی ضمانت کے مسترد ہونے کی آپ کو خوشی ہوئی یا دُکھ ہوا؟‘‘
ایک نہایت ہی نازک سوال ظفر نے پوچھ لیا تھا۔ اس لئے کہ فطری طور پر ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ اسے خوشی ہوتی، لیکن حقیقت میں اُسے دُکھ ہوا تھا۔ سمیہ بولی۔ ’’مجھے اس سوال کا کوئی تعلق مقدمے سے نظر نہیں آتا۔‘‘
’’کیوں نہیں۔ آپ مدعی اور صفدر مدعا الیہ ہے اور یہ سوال آپ دونوں سے متعلق ہے۔‘‘
’’جی نہیں ! اس کا تعلق خوشی اور غم کے جذبات سے ہے اور میں نے سنا ہے قانون اندھا ہوتا ہے۔ اُسے کچھ بھی دکھائی نہیں دیتا۔‘‘
ظفر سمیہ کی ذہانت پر مسکرایا۔ کس خوبی سے اُس نے بات کو ٹال دیا تھا۔ لیکن وہ بھی وکیل تھا، اس نے جواب دیا۔ ’’قانون کے بینا یا نابینا ہونے پر تو کوئی تبصرہ کرنے کی جرأت میں نہیں کر سکتا۔ لیکن یہ سوال قانون سے نہیں بلکہ محترمہ سمیہ سے کیا گیا ہے جن کا میں مؤکل ہوں۔‘‘
سمیہ اب پوری طرح پھنس چکی تھی۔ وہ بولی۔ ’’آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ مجھے خوشی نہیں ہوئی۔ میں صفدر کو جیل میں زندہ دیکھنا نہیں چاہتی، بلکہ مجھے تو خوشی اُس وقت ہو گی جب وہ پھانسی چڑھے گا۔‘‘ جس وقت سمیہ یہ جملہ کہہ رہی تھی، ثریا چائے کی کشتی لئے کمرے میں داخل ہوئی اور ایک دم سے ٹھٹک گئی۔ 
’’یہ سمیہ کیا کہہ رہی ہے؟ کہیں اس کی نیت میں کوئی کھوٹ تو پیدا نہیں ہو گیا؟‘‘ اچانک یہ سوال ثریا کے ذہن میں کوند گیا۔ 
’’بہت خوب! میں آپ کو کافی دیر سے فون ملا رہا تھا، لیکن آپ کا فون بند آ رہا تھا؟‘‘ ظفر اقبال نے اگلا سوال کیا۔ 
’’جی۔۔۔ بس یوں ہی ہم لوگ باہر گئے ہوئے تھے اور فون بند رہ گیا تھا۔‘‘
سمیہ ظفر سے اپنی ملاقات کو صیغۂ راز میں رکھنا چاہتی تھی۔ لیکن ثریا بیچ میں بول پڑی۔ ’’وہ دراصل بات یہ ہے کہ آپ تو جانتے ہیں جیل میں جانے سے قبل فون باہر جمع کر دینا ہوتا ہے۔‘‘
’’جیل میں ؟ آپ لوگ جیل گئی تھیں ؟ خیریت۔۔۔ ؟‘‘ ظفر نے چونک کر سوال کیا۔ 
اس سے پہلے کہ سمیہ کچھ بولتی، پھر ثریا نے جواب دیا۔ ’’وہ دراصل ہم لوگ صفدر سے ملنے کے لئے گئے تھے۔‘‘
’’صفدر سے ملنے کے لئے آپ لوگ کیوں گئے تھے؟ وہ تو اس مقدمے میں ملزم ہے۔‘‘
سمیہ نے بات کو سنبھالنے کی کوشش کی اور بولی۔ ’’دراصل بات یہ ہے کہ ثریا اور صفدر ایک ہی کمپنی میں کام کرتے ہیں اور برسوں سے ایک دُوسرے کو جانتے ہیں۔ اسی لئے صفدر کو کمپنی کی جانب سے جو مدد مل رہی ہے، وہ ثریا ہی کے توسط سے ہے۔‘‘
’’کیا مطلب ہے۔۔۔ میں سمجھا نہیں ؟‘‘
’’دراصل بات یہ ہے کہ گولڈن ٹرائنگل کنسٹرکشن نے صفدر کے سارے عدالتی اخراجات اُٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ مدد میرے ذریعہ مہیا کرائی جا رہی ہے۔ صفدر کی ضمانت کے کاغذات بھی میرے ہی نام سے تیار کئے گئے تھے۔ اس لئے کہ ضمانت تو کسی فرد کو دینی ہو گی، کمپنی نہیں دے سکتی۔‘‘
ظفر کو سارا معاملہ دلچسپ معلوم ہونے لگا۔ اس نے شک ڈالنے کی خاطر شوشہ چھوڑا۔ ’’دیکھیں محترمہ۔۔۔ کیا نام ہے آپ کا۔۔۔ !‘‘
’’ثریا!‘‘ سمیہ بولی۔ 
’’خیر جو بھی ہے۔۔۔ آپ اس معاملے میں احتیاط سے کام لیں تو بہتر ہے اس لئے کہ یہ قتل کا مقدمہ ہے۔‘‘
ثریا ڈر گئی اور بولی۔ ’’تو کیا ہوا؟ قتل میں نے تھوڑی نا کیا ہے جو میں ڈروں !‘‘
’’یہ صحیح ہے کہ قتل آپ نے نہیں کیا، لیکن اگر یہ کمپنی والے آپ کو بغیر بتلائے صفدر کو ملک سے باہر بھیج دیتے تو آپ پھنس جاتیں۔‘‘
’’لیکن وہ اسے کیوں باہر بھیجنے لگے بھلا؟‘‘
’’آپ کل عدالت میں موجود تھیں نا؟ آپ نے وہ ٹکٹ نہیں دیکھا جو میں نے عدالت میں پیش کیا۔ اگر صفدر کی ضمانت منظور ہو گئی ہوتی تو اس وقت وہ ہوائی اڈّے پر ہوتا اور آپ کے فرشتوں کو بھی اس کا علم نہیں ہوتا۔‘‘
’’لیکن کسی کی ضمانت لینے کا مطلب اس کی چوکیداری تو نہیں ہے؟‘‘
’’عدالت کے نزدیک آپ کو ایک مجرم کو سزا سے بچانے کے جرم میں وہی سزا بحال ہو سکتی تھی، جس سے آپ نے اسے بچایا ہے۔‘‘ ظفر یوں ہی کہہ رہا تھا لیکن سمیہ پریشان ہو رہی تھی۔ اس نے مداخلت کرتے ہوئے کہا۔ 
’’آپ خیالی مفروضوں کی بنیاد پر میری سہیلی کو خوفزدہ کر رہے ہیں۔‘‘
’’عدالت میں پیش ہونے والے ثبوت کو آپ مفروضہ کہہ رہی ہیں !! جبکہ ملزم نے خود اپنا پاسپورٹ دفتر سے نکلوایا اور اپنا ٹکٹ بنوایا۔‘‘
ثریا کا پارہ چڑھ گیا، وہ بولی۔ ’’دیکھئے پاسپورٹ تو تھانیدار کے کہنے پر میں نے نکلوایا اور میں یقین کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ ٹکٹ جعلی ہے۔‘‘
’’خیر۔۔۔ جب ایشین ٹراویل والے عدالت میں آ کر گواہی دے دیں گے تو آپ کو یقین ہو جائے گا۔‘‘
’’دیکھئے وکیل صاحب۔۔۔ مجھے صفدر پر مکمل اعتماد ہے۔ ہم تینوں گزشتہ سات برسوں سے ایک دوسرے سے واقف ہیں۔‘‘
’’آپ دونوں کے علاوہ یہ تیسرا کون ہے؟ سمیہ ؟‘‘
’’جی نہیں ! اسے میں صرف تین برسوں سے جانتی ہوں۔ اس سے پہلے میں سمیہ سے ناواقف تھی۔‘‘
’’پھر تیسرا۔۔۔ ؟
’’خضر حیات خان !!!‘‘
’’بہت خوب۔۔۔ آپ کے ایک گہرے دوست نے دوسرے گہرے دوست کا قتل کر دیا۔ اس کے باوجود آپ قاتل کی حمایت پر تُلی ہوئی ہیں ؟ آپ کو اپنے مرنے والے دوست اور اس کی بیوہ سے کوئی ہمدردی نہیں ہے؟‘‘
’’کیوں نہیں ہے؟ لیکن صفدر نے یہ قتل نہیں کیا ہے۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ اگر نہیں کیا تو پھر کس نے کیا ہے؟ آپ لوگوں نے اس کے خلاف مقدمہ دائر کیوں نہیں کیا؟‘‘
ثریا ایک ایسی بند گلی میں گھر گئی تھی کہ اس کے لئے زبان پر قفل لگانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔ 
سمیہ بولی۔ ’’وکیل صاحب آپ بھول رہے ہیں کہ آپ کی مؤکل ثریا نہیں بلکہ میں ہوں اور مجھے یقین ہے کہ یہ قتل صفدر ہی نے کیا ہے۔‘‘
لیکن اس اختلاف کے باوجود آپ دونوں کی دوستی پر کوئی اثر نہیں پڑا۔۔۔ ؟‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ ہمارا اختلاف اپنی جگہ ہے اور دوستی اپنی جگہ!‘‘
’’مجھے یہ سب کچھ حیرت انگیز معلوم ہوتا ہے اور سب سے زیادہ عجیب بات یہ ہے کہ آپ اپنے ملزم سے ملنے جیل تک پہنچ جاتی ہیں !!‘‘
’’وکیل صاحب! آپ بار بار مختلف باتوں کو خلط ملط کر دیتے ہیں۔ جیل میں صفدر سے ملنے میں نہیں ، ثریا گئی تھی۔ میں تو محض راستے میں اس کے ساتھ ہو گئی تھی اور جیساکہ میں نے پہلے بتلایا، اس اختلاف کے باوجود ہم دونوں ایک دوسرے کی سہیلیاں ہیں۔‘‘
اِن بھول بھلیوں کے درمیان اُلجھ کر ظفر اپنے آنے کا مقصد بھول گیا۔ چائے کا دَور بھی گزر چکا تھا، اس لئے اس نے اجازت طلب کی اور دروازے کا رُخ کیا۔ 
ظفر کے چلے جانے کے بعد دونوں سہیلیوں کے درمیان کھسر پھسر شروع ہو گئی۔ سمیہ کہہ رہی تھی کہ ثریا کو جیل جانے کی بات ظفر سے پوشیدہ رکھنی ضروری تھی۔ لیکن ثریا کا کہنا تھا کہ سمیہ کو جیل جانے سے گریز کرنا چاہئے تھا۔ اس لئے کہ کسی نہ کسی صورت اس بات کے کھلنے کا امکان تو بہرحال تھا ہی، لیکن دونوں اس بات سے متفق تھیں کہ اب انہیں احتیاط سے کام لینا چاہئے۔ خاص طور پر ظفر کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں تو بے حد پھونک پھونک کر الفاظ زبان پر لانے چاہئیں۔ اس لئے کہ وہ لفظوں کو پکڑ لیتا تھا۔ ویسے ان دونوں کے درمیان اس بات پر اتفاق ہو گیا تھا کہ  ظفر اقبال وکیل جلول جلال سے کہیں زیادہ ذہین اور فطین شخص تھا۔ نیز صفدر کی ضمانت کا مسترد ہونا کوئی اتفاقی حادثہ نہیں تھا۔ 
 اس کے برعکس ظفر کی رائے خود اپنے بارے میں بدل چکی تھی۔ وہ اس ملاقات سے قبل اپنے آپ کو بہت بڑا قیافہ شناس سمجھتا تھا، لیکن ثریا اور سمیہ کی حرکات نے اسے اچھی خاصی اُلجھن میں ڈال دیا تھا۔ اس کی سمجھ میں بالکل نہیں آ رہا تھا کہ آخر یہ کیسی گتھی ہے، جس کا کوئی ایک سرا بھی دُوسرے سے نہیں ملتا؟


۱۲
تحقیق و تفتیش

صفدر کا جیل میں تیسرا دن تھا اور اس کو تفتیش کے لئے بلایا گیا تھا۔ وہ پھر ایک بار تھوڑا سا گھبرایا ہوا تھا۔ اس لئے کہ اس بارے میں اس نے طرح طرح کی باتیں سن رکھی تھیں۔ وکیل نے بھی اسے خاصہ محتاط کر دیا تھا۔ 
کیپٹن سعید شیرازی نے کمرے میں آنے کے بعد اپنے نائب اکرم سے پوچھا۔ ’’سب انتظام ٹھیک ہے۔۔۔ مائک، کیمرہ وغیرہ وغیرہ؟‘‘
’’جی ہاں جناب۔۔۔ کیا آپ ٹرائل دیکھنا پسند کریں گے؟‘‘
’’ہاں۔۔۔ اس میں کو ئی حرج نہیں ہے۔‘‘
’’بہت خوب!‘‘ اکرم نے بٹن دبایا اور چند منٹ پہلے ریکارڈ کی گئی اس کی آواز سنائی دی۔ ’’اھلاً و سھلاً مرحبا یا صاحب السمو الشیخ السید کیپٹن سعید شیرازی حفظہ اللہ۔۔۔‘‘ سامنے دیوار پر نہایت صاف و شفاف اکرم کی تصویر بھی جھلک رہی تھی۔ 
’’کیپٹن سعید نے زوردار قہقہہ لگا کر کہا۔ ’’یار تو خود بھی مرے گا اور مجھے بھی مروائے گا۔ اگر یہ کیسٹ اُوپر والوں کے ہاتھ لگ گئی تو صفدر سے پہلے ہم دونوں بغاوت کے الزام میں پھانسی پر چڑھا دئے جائیں گے۔‘‘
’’ایسا نہیں ہو گا سرکار۔ یہ لیجئے۔۔۔ فائل ڈیلیٹ۔۔۔ اب یہ ثبوت صفحۂ ہستی سے گدھے کے سر سے سینگ کی طرح مٹ چکا ہے۔‘‘
’’یار اکرم! تم باتیں تو بہت اچھی کرتے ہو لیکن ایک مسئلہ ہے۔‘‘
’’وہ کیا؟‘‘
’’تم باتیں بہت زیادہ کرتے ہو اور ان میں اکثر۔۔۔‘‘
اکرم نے جملہ کاٹ دیا اور بولا۔ ’’غیر ضروری بکواس ہوتی ہے۔‘‘
’’یہ میں نے نہیں کہا۔‘‘
’’لیکن آپ یہ کہنے والے تھے۔ اس لئے میں نے سوچا آپ کو کیوں زحمت دی جائے۔‘‘
’’ٹھیک ہے۔ اب ایسا کرو کہ باتیں بند، کام شروع۔ جاؤ، اُس احمق کو بلا لاؤ۔‘‘
’’جی سرکار۔‘‘ اکرم دوڑ پڑا اور کیپٹن سعید سوچنے لگا کہ یہ ویڈیو فلم ایک خفیہ سرکاری دستاویز ہو گی اور اسے ظفر کے حوالے کرنا خطرے سے خالی نہیں ہو گا۔ لیکن ظفر کا خیال تھا اسے اپنے مقدمے میں اس ویڈیو سے کافی مدد ملے گی۔ کیپٹن سعید نے نتائج کی پرواہ کئے بغیر اس کی ایک کاپی دینے کا وعدہ بھی کر دیا تھا۔ لیکن دل کے کسی کونے میں ایک خطرے کی گھنٹی تھی جو مسلسل بج رہی تھی۔ کیپٹن سعید نے اپنے عقب سے قدموں کی چاپ سنی تو سمجھ گیا۔ اکرم اور صفدر کمرے میں داخل ہو رہے ہیں۔ 
ان دونوں کو سلام کا جواب دے کر کیپٹن سعید بولا۔ ’’بیٹھیں۔۔۔ آپ لوگ کھڑے کیوں ہیں ؟‘‘
’’جناب! آپ کی اجازت کے بغیر کیسے بیٹھ سکتے ہیں ؟‘‘ یہ صفدر تھا۔ 
’’ہمارے بلانے میں بیٹھنے کی اجازت شامل ہے۔ ہم ایسے بھی بد اخلاق نہیں کہ اپنے مہمان سے بات تو کریں ، لیکن بیٹھنے کے لئے نہ کہیں۔‘‘
’’جی نہیں سر۔۔۔ میرا یہ مطلب نہیں تھا۔ دراصل آپ کا نائب بھی کھڑا ہوا تھا تو میں نے سوچا کہ اسی میں عافیت ہے۔‘‘
’’اوہو۔۔۔ تو سارا قصور اس چکرم۔۔۔ میرا مطلب ہے اکرم کا ہے۔‘‘
’’جی نہیں جناب۔۔۔ مجھ کو تو آپ نے بلایا نہیں۔ صرف ان کو پہنچانے کی  ذمہ داری لگائی۔ سو میں اسے پورا کرنے کے بعد جانے کی اجازت چاہ رہا تھا۔‘‘
’’اچھا یوں ہے۔۔۔ تو تم جا سکتے ہو۔ لیکن دیکھو، کہیں دُور نہ نکل جانا۔ درمیان میں تمہاری ضرورت پڑ سکتی ہے۔ کیا سمجھے؟‘‘
’’جی ہاں سرکار! سب سمجھ گیا۔‘‘ اکرم نے ٹیبل پر پڑے موبائل کی جانب اشارہ کر کے کہا۔ ’’یہ آپ کے سامنے جو چراغ رکھا ہے، اسے کسی وقت بھی گھسئے۔۔۔ تو بندہ اس میں سے بلا توقف نمودار ہو جائے گا۔‘‘
’’ٹھیک ہے! اَب تم جا سکتے ہو۔‘‘ اکرم سلام کر کے روانہ گیا۔ اس وقت تک صفدر میز کی دوسری جانب براجمان ہو چکا تھا اور دونوں کی گفتگو سے محظوظ ہو رہا تھا۔ اسے ایسا لگ رہا تھا گویا وہ کوئی پُر وقار مزاحیہ ٹی وی سیریل دیکھ رہا ہے۔ 
’’اکرم کے چلے جانے کے بعد صفدر بولا۔ ’’مجھے یہ دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی کہ آپ کے اپنے نائب کے ساتھ بڑے خوشگوار تعلقات ہیں۔‘‘
’’بھئی میرا تو سبھی کے ساتھ اچھا تعلق ہے۔ اب وہ نائب ہو یا صاحب۔۔۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘‘
’’یہ بڑی اچھی بات ہے ورنہ صاحب سے تو ہر کوئی اچھا تعلق رکھتا ہے، لیکن نائب سے نہیں۔‘‘
’’دیکھئے۔۔۔ بات دراصل یہ ہے کہ جو لوگ اپنے نائب سے جیسا تعلق رکھتے ہیں ، ان کا صاحب بھی اُن سے اسی طرح کا تعلق رکھتا ہے۔‘‘
’’لیکن صاحب کو پتہ کیسے چلتا ہے کہ کس کا کس سے کیسا تعلق ہے؟‘‘
’’بالکل پتہ چلتا ہے۔ آپ کی مجھ سے چند منٹوں پرانی ملاقات ہے۔ آپ کو پتہ چل گیا، تو جس کے ساتھ میں برسوں سے کام کر رہا ہوں اُسے خبر نہ ہوتی ہو گی؟‘‘
’’آپ کی دلیل قابلِ داد ہے۔‘‘ صفدر نے تائید کی۔ 
’’اور سنو۔۔۔ ایک صاحب وہ بھی ہے جو اُوپر بیٹھا ہے۔۔۔ صاحبِ ارض و سمائ۔۔۔ دُنیا کے سارے بندے جس کے نائب ہیں اور وہ اپنے نائبین کے ساتھ ویسا ہی تعلق رکھتا ہے جیسے نائبین ایک دوسرے کے ساتھ سلوک کرتے ہیں اور وہ آقا تو علیم بھی ہے ا ور خبیر بھی ہے۔‘‘
’’یہ تو آپ نے بہت بڑی بات کہہ دی تھانیدار صاحب! مجھے آپ سے۔۔۔‘‘ صفدر کچھ کہتے کہتے رُک گیا۔ 
’’کیوں ، رُک کیوں گئے؟ بولو۔‘‘
’’نہیں کوئی بات نہیں۔۔۔ چھوڑئیے اس بات کو۔۔۔‘‘
’’دیکھو! میں تمہیں بتلاتا ہوں کہ تم کیا کہنے جا رہے تھے؟ مجھے کسی پولیس والے سے اس بات کی توقع نہیں تھی۔ اگر یہ صحیح ہے تو تائید کر دو ورنہ تردید کر دو، تمہاری مرضی۔‘‘
’’تھانیدار صاحب! چلئے مان لیا مجھ سے غلطی ہو گئی۔ میں معذرت چاہتا ہوں۔‘‘
’’چلو۔۔۔ بلاواسطہ تم نے تسلیم کر لیا کہ میری بات صحیح ہے۔ لیکن یہ ہمارے بارے میں ایک عام تاثر ہے اور اس  کے لئے ہماری برادری خود ذمہ دار ہے۔ ہم نے اپنی حرکات و سکنات سے اپنی شبیہ کچھ ایسی بنائی ہے کہ کوئی ہم سے کسی حکمت و دانائی کی توقع ہی نہیں کرتا۔‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ یہ مجھ جیسے لوگوں کی خام خیالی ہے۔ آپ اس کے لئے جو سزا بھی مناسب سمجھیں ، دے سکتے ہیں۔ میں حاضر ہوں۔‘‘
’’سزا ہم نہیں عدالت دیتی ہے۔ ہم تو بس احکامات کی بجا آوری کرتے ہیں۔‘‘
’’مجھے یہ تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں ہے کہ آپ نہایت بردبار اور کریم النفس انسان ہیں۔‘‘
کیپٹن سعید اپنی تعریف سن کر پسیج گیا اور جواباً بولا۔ ’’دیکھو صفدر! تم پر الزام تو بڑا سنگین ہے، لیکن تم چہرے سے شریف آدمی معلوم ہوتے ہو۔‘‘
’’تو کیا کسی بدمعاش کے چہرے پر اِس کی شناخت لکھی ہوتی ہے؟‘‘ گفتگو اس قدر دوستانہ ماحول میں ہو رہی تھی کہ یہ پتہ ہی نہ چلتا تھا گویا جیل خانے میں ایک ملزم اور پولیس افسرمحوِ گفتگو ہیں۔ 
’’جی ہاں ! لکھا تو ہوتا ہے لیکن ہم لوگ اُسے پڑھنے کی زحمت گوارہ نہیں کرتے یا ہمارے پاس اس کے لئے فرصت نہیں ہوتی یا ہمیں اس کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔۔۔ وغیرہ وغیرہ۔‘‘
’’لیکن آپ کے پاس میرے حوالے سے یہ تینوں جواز موجود ہیں۔‘‘
’’کون سا جواز ؟‘‘
’’وہی، جن کا آپ نے ابھی ابھی ذکر کیا ہے۔ ضرورت، فرصت اور زحمت۔‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ ان سب کے علاوہ یہ میرا فرضِ منصبی بھی ہے۔ مجھے اس کی تنخواہ ملتی ہے۔‘‘
’’مجھے یقین ہو چلا ہے کہ آپ اپنا حقِ نمک ادا کرنے والے نہایت ایماندار افسر ہیں۔‘‘
’’شکریہ! میری تو یہ سمجھ ہے کہ انسان کا چہرہ اس کے اخلاق و کردار کا آئینہ دار ہوتا ہے۔‘‘
’’جی ہاں ! مجھے بھی اس بات کا تجربہ ہو چکا ہے۔ ایک مرتبہ میں ہوئی اَڈّے پر اپنے جہاز کا انتظار کر رہا تھا کہ دس بارہ لوگوں کا ایک گروہ نمودار ہوا، اور ایک کونے میں بیٹھ گیا۔ ان کو دیکھتے ہی مجھے محسوس ہوا کہ گویا یہ لوگ جیل سے آ رہے ہیں۔ اس کے بعد میں ان کی حرکات کو دیکھنے لگا اور میرا گمان یقین میں بدلنے لگا۔ وہ لوگ ساتھ ساتھ ہونے کے باوجود بالکل تنہا تنہا سے تھے۔۔۔ خاموش و مایوس۔ ان کے چہروں پر گھر جانے کی کوئی خوشی نہیں تھی۔ خوابوں سے عاری خالی خالی آنکھیں دُور خلا میں نہ جانے کہاں کھوئی ہوئی تھیں۔ نہ جانے کن سوالات کا جواب ڈھونڈ رہی تھیں۔ وہ سب کے سب اپنی اپنی دُنیا میں محوِسفر تھے۔ جبکہ دیگر مسافر ابھی جہاز میں سوار ہونے کے منتظر تھے۔‘‘
’’اور تم؟‘‘
’’میں ! میں انتظار بھی کر رہا تھا اور محوِ سفر بھی تھا۔ ان لوگوں کے ساتھ نہ جانے کن خلاؤں میں جا پہنچا تھا۔‘‘
’’بہت خوب صفدر! تم نہ صر ف یہ کہ ایک بہت ہی اچھے مشاہد ہو، بلکہ تمہیں اظہار و بیان کے فن میں بھی ملکہ حاصل ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اگر عدالت نے تمہیں سزائے موت کے بجائے عمر قید کی سزا دے دی تو تم جیل کے اندر بیٹھ کر کئی بہترین کتابیں تصنیف کرو گے۔‘‘ کیپٹن سعید اس جملے پر صفدر کا رد عمل دیکھنا چاہتا تھا۔ 
صفدر نے بڑے اطمینان سے جواب دیا۔ ’’اگر ایسا ہوا تو ان کتابوں کی اشاعت و طباعت میں آپ کو میری مدد کرنی ہو گی اور شاید ان کا قاری بھی آپ کے علاوہ کوئی اور نہ ہو گا۔‘‘
کیپٹن سعید کا وار خالی گیا تھا۔ صفدر کے آس پاس سے بھی کسی بوکھلاہٹ کا گزر نہیں ہوا تھا۔ اس نے بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا۔ ’’لیکن صفدر! اگر میں تمہیں اس ٹکٹ کے ساتھ ہوائی اڈّے لے جاؤں ، جو تم نے اپنے لئے بنوایا تھا، تو کسی کو بھی اس طرح کا گمان نہیں ہو گا جیسا کہ تمہیں ہوا تھا۔‘‘
’’تھانیدار صاحب! مجھے آپ کے ارادے کچھ خطرناک معلوم ہوتے ہیں۔ آپ یقیناً ویسے نہیں ہیں جیسے نظر آتے ہیں۔ پہلے تو آپ نے مجھے موت یا عمر قید کی سزا سنا دی اور اب مجھ پر ملک سے فرار ہونے کا الزام لگا رہے ہیں۔ میں عدالت میں یہ بات کہہ چکا ہوں کہ اس ٹکٹ کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ وہ جعلی ٹکٹ ہے اور مجھے اس مقدمے میں اُلجھانے کی سازش کا حصہ ہے۔‘‘
’’لیکن وہ ٹکٹ جعلی نہیں ہے۔ اس کی تحقیقات ہم نے کر لی ہیں۔ ہو سکتا ہے کوئی تمہارا بہی خواہ ہو جو جذبۂ ہمدردی کے تحت  یہ سب کر رہا ہو؟‘‘
’’ہونے کو تو کچھ بھی ہو سکتا ہے، لیکن مجھے کسی ہمدردی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘‘
’’تو کیا تم بغیر کسی کا تعاون حاصل کئے رِہا ہو جاؤ گے؟‘‘
صفدر چُپ ہو گیا اور سوچنے لگا کہ کیا جواب دے۔ 
 کیپٹن سعید نے موقع غنیمت جان کر ایک اور سوال داغ دیا۔ ’’صفدر! یہ بتاؤ کہ وکیل جلول جلال کہاں سے تمہارے ہاتھ لگ گیا؟ ملک کے بڑے بڑے سرمایہ دار اس کی فیس سے گھبراتے ہیں۔ کیا وہ تمہارا رشتہ دار ہے؟‘‘
’’جی! اگر میں اس کا جواب ہاں میں دوں تو کیا آپ مان لیں گے؟ میرا تعلق ملیشیا سے ہے اور اس کا الجزائر سے۔ ہم لوگ بھلا ایک دوسرے کے رشتہ دار کیوں کر ہو سکتے ہیں ؟‘‘ کیپٹن سعید کے حسبِ خواہش صفدر جھنجلانے لگا تھا
’’ویسے آجکل رشتہ داریاں عالمی سطح پر بھی ہوتی ہیں۔ مثلاً دُنیا بھر کے مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔‘‘ کیپٹن سعید نے ایک چور دروازے کی نشاندہی کی۔ 
’’جی ہاں جناب! آپ کی بات صحیح ہے۔ اس لحاظ سے تو نہ صرف جلول جلال بلکہ آپ بھی میرے بھائی ہیں۔ لیکن ہمارے درمیان کوئی خاندانی رشتہ داری نہیں ہے۔‘‘ صفدر ٹوٹنے لگا تھا
’’ہو سکتا ہے جو لوگ وکیل جلول جلال کی فیس ادا کرنے والے ہیں ، انہیں لوگوں نے تمہیں ملک سے باہر بھیجنے کا منصوبہ بنایا ہو؟‘‘
صفدر نے اپنے آپ کو سنبھال لیا تھا۔ وہ بولا۔ ’’دیکھئے جناب! ان قیاس آرائیوں کا میرے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ لیکن میں اتنا ضرور جانتا ہوں کہ اس ٹکٹ کے باعث میری ضمانت نامنظور ہوئی ہے اور میں جیل کی ہوا کھا رہا ہوں۔ اس لئے جس کسی نے اس ٹکٹ کو بنایا، وہ میرا بہی خواہ نہیں ہو سکتا۔‘‘
’’تب کون ہو سکتا ہے؟‘‘ کیپٹن سعید سوچنے کا کوئی موقع نہیں دینا چاہتا تھا۔ 
’’میرا تو خیال ہے کہ وہی اصل مجرم ہے جس نے خضر حیات کا قتل کیا ہے اور مجھے اِس مقدمے میں پھنسا کر خود کو بچانا چاہتا ہے۔‘‘
’’تو اس کا مطلب ہے کہ تم اس بات کو تسلیم کرتے ہو کہ خضر حیات کا قتل ہوا ہے؟‘‘
’’تھانیدار صاحب۔۔۔ آپ تو وکلاء کی طرح الفاظ پکڑنے لگے۔ میرا مطلب یہ ہے کہ اگر قتل ہوا ہے؟‘‘ صفدر کا ایک تضاد پکڑا گیا تھا۔ 
’’اگر قتل نہیں ہوا تو خضر کی موت کیسے واقع ہوئی؟ وہ کوئی فطری موت تو نہیں تھی۔‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ لیکن ہو سکتا ہے کہ اُس نے خودکشی کر لی ہو؟‘‘
’’اگر ایسا ہے تو اس کی بیوی کیسے جھلسی؟‘‘
’’ہو سکتا ہے کہ وہ اُسے بچانے کی کوشش کر رہی ہو؟‘‘
’’اگر ایسا ہے تو اس کی بیوی نے قتل کا مقدمہ کیوں دائر کر دیا؟‘‘
صفدر یکے بعد دیگرے سوالات کی بوچھار سے زچ ہو چکا تھا۔ وہ بولا۔ ’’ہو سکتا ہے کہ اس کا دماغ خراب ہو گیا ہو۔‘‘
’’ہو سکتا ہے۔۔۔ لیکن اس کے باوجود وہ پاگل عورت تم سے ملنے کے لئے جیل میں آتی ہے اور کسی پاگل پن کا اظہار نہیں کرتی۔‘‘
’’جی! ثریا مجھ سے ملنے کی خاطر آئی تھی۔‘‘
’’کیا اس کے ساتھ سمیہ نہیں تھی؟‘‘
’’وہ اس کے ساتھ ضرور تھی، لیکن میں نے اُسے بلایا نہیں تھا۔ ثریا نہ جانے کیوں اس کو اپنے ساتھ لے آئی تھی۔‘‘
’’لیکن کیا تم نے ثریا کو بلوایا تھا؟‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ میں نے اسے بھی نہیں بلوایا تھا۔‘‘
’’تو پھر وہ تم سے ملنے کے لئے کیوں آئی؟‘‘
’’وہ میرے ساتھ ملازمت کرتی ہے۔ وہ میری ضامن ہے۔‘‘
’’لیکن اور لوگ بھی تو تمہارے ساتھ کام کرتے ہیں ، وہ کیوں نہیں آئے؟‘‘
’’یہ ایک احمقانہ سوال ہے اس لئے کہ جو کوئی بھی مجھ سے ملنے آتا، اس سے متعلق آپ کا یہ سوال ہو سکتا تھا کہ وہی کیوں آیا، کوئی اور کیوں نہیں آیا؟ اب کسی نہ کسی کو تو مجھ سے ملنے آنا ہی تھا۔‘‘
’’ہمیں ثریا کے نہیں بلکہ سمیہ کے آنے پر تشویش ہے۔ اس لئے کہ وہ اس مقدمے میں مدعی ہے۔‘‘
’’میں آپ کو یہ بات بتلا چکا ہوں کہ یہ بات میں نہیں جانتا کہ ثریا اپنے ساتھ سمیہ کو کیوں لے کر آئی تھی۔‘‘
’’ہو سکتا ہے کہ ثریا کا بھی دماغ خراب ہو؟‘‘
’’ہو سکتا ہے صاحب۔۔۔ کچھ بھی ہو سکتا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ اس طرح کے سوالات کا سلسلہ جاری رہا تو میں بھی پاگل ہو جاؤں گا۔‘‘
’’نہیں ، نہیں تکلیف معاف! ہم یہ ہرگز نہیں چاہتے کہ تم پاگل ہو جاؤ۔ اس لئے کہ پھانسی کی سولی پر ہوشمندوں کو چڑھایا جاتا ہے پاگلوں کو نہیں۔ ہم تمہیں پاگل ہونے نہیں دیں گے۔ ورنہ سمیہ واقعی میں پاگل ہو جائے گی۔‘‘
’’اچھا، تو کیا میں یہ سمجھنے میں غلطی پر ہوں کہ اب مجھے واپس جا کر سونے کی اجازت ہے؟‘‘
’’جی ہاں۔ تم اگر ایسا سوچ رہے ہو تو بہت بڑی غلطی کر رہے ہو۔‘‘
’’اچھا! تو اب کیا ہو گا؟‘‘ صفدر کے تصوّر میں جیل کے اندر ہونے والی مار پیٹ کے مناظر منڈلانے لگے
 کیپٹن سعید بولا۔ ’’تمہاری چین سے سونے کی مدت تمام ہو گئی۔ ہمارے یہاں صرف تین دنوں تک قیدی کی مہمان نوازی کی جاتی ہے۔ سو تمہاری ہو چکی۔‘‘
’’اچھا، اب کیا ہو گا؟ مجھے آزاد کر دیا جائے گا؟‘‘
’’جی نہیں ! اَب تم سرکاری مہمان سے حکومت کے داماد بن گئے ہو۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو اب مجھے کیا کرنا ہو گا۔‘‘
’’شوہر کی سی غلامی۔۔۔ !‘‘
’’لیکن مجھے اس کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔‘‘
’’ہو جائے گا۔ ہمارے پاس اس کے لئے خصوصی تربیتی پروگرام ہے۔ ہم ابھی تم کو ایک ویڈیو فلم دکھلائیں گے۔‘‘
’’ابھی؟ ابھی میں کچھ بھی دیکھنا نہیں چاہتا۔ میں سونا چاہتا ہوں۔‘‘
’’صفدر! یہ نہ بھولو کہ تم جیل میں ہو۔ یہاں تم وہ نہیں کرو گے جو تم چاہتے ہو، بلکہ وہ کرو گے جو ہم چاہتے ہیں۔ یہاں تمہاری نہیں ہماری مرضی چلتی ہے۔‘‘
صفدر کی سمجھ میں آگیا کہ دُنیا کو جیل خانہ کیوں کہا جاتا ہے۔ وہ بولا۔ ’’لیکن اگر میں فلم دیکھتے دیکھتے سو جاؤں تو؟‘‘
’’یہ فلم ایسی نہیں ہے صفدر کہ اس کو دیکھتے ہوئے کوئی سوتا ہو۔ بلکہ یہ تو ایک ایسی فلم ہے کہ جس کے دیکھنے کے بعد لوگوں کی برسوں تک کی نیند حرام ہو جاتی ہے۔‘‘
صفدر کے رونگٹے کھڑے ہو گئے۔ کمرے میں اندھیرا چھا گیا۔ صفدر آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر دیکھ رہا تھا اور کیپٹن سعید سکون سے سو رہا تھا۔ 


۱۳
شاہد و مشہود

عدالت کے کٹہرے میں صفدر سر جھکائے بیٹھا تھا۔ وکیل جلول جلال نے دوبارہ اس کی ضمانت کی درخواست جمع کرا دی تھی۔ گواہوں کو اطلاع دے دی گئی تھی، جن میں سب سے اہم گولڈن ٹرائنگل کنسٹرکشن کمپنی کے شعبۂ انسانی وسائل کا سربراہ اور ایشین ٹراویل ایجنسی کا منیجر بھی تھے۔ 
وکیل جلول جلال نے اپنی پیروی کا آغاز کرتے ہوئے کہا۔ ’’صفدر کو نہایت کمزور شہادت کی بنیاد پر ضمانت سے محروم کر دیا گیا ہے۔ جس روز یہ ٹکٹ بک کیا گیا، میرا مؤکل اپنے دفتر میں ڈیوٹی کر رہا تھا اور میں اس کی شہادت کے لئے گولڈن ٹرائنگل کنسٹرکشن میں انسانی وسائل کے منیجر کو پیش کرنا چاہتا ہوں۔‘‘
رسمی حلف برداری کے بعد وکیل جلول جلال نے سوال کیا۔ ’’کیا صفدر آپ کی کمپنی میں ملازم ہے؟‘‘
’’جی ہاں۔‘‘
’’وہ کتنے عرصے سے آپ کے یہاں کام کر رہا ہے؟‘‘
’’اُس نے سات سال مکمل کر لئے ہیں اور یہ آٹھواں سال ہے۔‘‘
’’اِس دَوران اُس پر کوئی جھگڑا فساد کا الزام لگا؟‘‘
’’جی نہیں۔‘‘
جلول جلال بولا۔ ’’جج صاحب! نہ صرف پولیس ریکارڈ بلکہ کمپنی کا ریکارڈ بھی میرے مؤکل کے امن پسند شہری ہونے کی دلالت کرتا ہے۔‘‘
’’اُس کے عادات و اطوار کیسے ہیں ؟‘‘
’’اُس کا شمار کمپنی کے نہایت با صلاحیت اور خوش اخلاق ملازمین میں ہوتا ہے۔ دو سال قبل اس کی اپنے بہترین اخلاق کے باعث پذیرائی بھی ہو چکی ہے۔ اسے انعام کے ساتھ سپاس نامے سے نوازا جا چکا ہے۔‘‘
’’کیا آپ کے پاس اس کی کوئی نقل موجود ہے؟‘‘
’’جی ہاں جناب۔۔۔ میں اسے اپنے ساتھ لایا ہوں۔‘‘
جلول جلال بولا۔ ’’جج صاحب۔۔۔ اس نکتے کو نوٹ کیا جائے۔ وکیل نے سرٹیفکٹ کو دلیل کے طور پر عدالت میں جمع کر دیا۔‘‘
وکیل جلول جلال پھر منیجر سے مخاطب ہوا۔ ’’جس روز یہ ٹکٹ بنوایا گیا، صفدر کہاں تھا؟‘‘
’’جناب وہ ڈیوٹی پر تھا۔‘‘
’’آپ کے یہاں حاضری کا ریکارڈ کیسے رکھا جاتا ہے؟‘‘
’’ہمارے یہاں مشینیں لگی ہوئی ہیں ، جو ملازمین کی اُنگلیوں کا نشان پہچان کر ان کے آنے جانے کا وقت کمپیوٹر میں نوٹ کر لیتی ہیں۔‘‘
’’کیا وہ ریکارڈ آپ عدالت میں پیش کر سکتے ہیں ؟‘‘
’’جی ہاں ! اس کا ایک پرنٹ آؤٹ میں اپنے ساتھ لایا ہوں۔‘‘
’’کیا اس میں کوئی خرد برد ممکن ہے؟‘‘
’’جی نہیں ! کمپیوٹر ہر تبدیلی کو نوٹ کر لیتا ہے اور یہ ریکارڈ سرور میں بھی ہوتا ہے، جہاں ہر کسی کی رسائی نہیں ہو سکتی۔ اس کا پاسورڈ چند لوگوں کے پاس ہے اور سرور میں آنے جانے والے ہر ملازم کا اپنے آپ اندراج ہو جاتا ہے۔‘‘
’’اچھا یہ بتائیں کہ خضر حیات کی مدت ملازمت کیا تھی؟‘‘ 
ظفر نے مداخلت کرتے ہوئے کہا۔ ’’جج صاحب! فاضل وکیل صاحب شہادت کو بلاوجہ طول دے کر عدالت کا قیمتی وقت ضائع کر رہے ہیں۔ فی الحال صفدر کی ضمانت کا خضر حیات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘‘
وکیل جلول جلال نے جواب دیا۔ ’’میں اپنے نوجوان دوست کو مشورہ دوں گا کہ وہ صبر و ضبط سے کام لیں اور یہ نہ بھولیں کہ یہ خضر حیات کے قتل کا مقدمہ ہے اور اس کے ہر پہلو سے خضر کا تعلق ہے۔‘‘
قاضیِ شہر نے ظفر کی درخواست کو مسترد کر دیا اور جلول جلال کو آگے بڑھنے کی اجازت دی۔ 
’’شکریہ جناب! ہاں تو منیجر صاحب۔۔۔ آپ خضر حیات خان کی گولڈن ٹرائنگل میں مدتِ کار بتلا رہے تھے۔‘‘
’’جی سر! مرحوم نے بھی سات سال مکمل کر لئے تھے اور آٹھواں سال جاری تھا۔‘‘
’’اس کے بارے میں آپ لوگوں کی کیا رائے ہے؟‘‘
’’خضر بھی نہایت خوش مزاج شخصیت کا حامل تھا۔ محنت مشقت میں پیش پیش رہتا، کمپنی اس کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی تھی۔‘‘
’’کیا اس کا کبھی کسی سے جھگڑا یا تلخ کلامی ہوئی تھی؟‘‘
’’جھگڑا تو نہیں۔۔۔ لیکن کام کے معاملے میں وہ کبھی کبھار جوش میں آ جاتا تھا۔ جذبات میں اُس کی آواز اُونچی ہو جاتی تھی۔ لیکن کسی کو اُس سے یا اُس کو کسی سے ذاتی پرخاش نہیں تھی۔‘‘
’’بہت خوب۔ کیا وہ صفدر پر بھی کبھی بگڑا تھا؟‘‘
’’جی نہیں جناب۔۔۔ وہ دونوں تو ایک جان دو قالب تھے۔ ہماری کمپنی میں جن لوگوں کی دوستی سب سے زیادہ مشہور تھی، وہ صفدر اور خضر تھے۔ چونکہ ان کی رہائش بھی ایک ہی علاقے میں تھی، وہ ساتھ ساتھ ایک ہی بس میں آتے جاتے تھے بلکہ ایک ہی سیٹ پر بیٹھتے بھی تھے۔‘‘
’’افسوس۔۔۔ کہ اس کے باوجود میرے مؤکل پر قتل کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ اس شہادت میں نہ صرف میرے مؤکل کے دفتر میں حاضر رہنے کو ثابت کر دیا ہے بلکہ اس کے اچھے اخلاق اور خضر حیات کے ساتھ بہترین تعلقات کو بھی اُجاگر کر دیا ہے۔ اس لئے عدالت سے میری درخواست ہے کہ ضمانت کی درخواست پر نظرِ ثانی کر کے ملزم کو رِہا کر دیا جائے۔‘‘
جج صاحب نے سوالیہ نظروں سے ظفر کی جانب دیکھا، گویا پوچھ رہے ہوں کہ کیا وہ اس گواہ سے کوئی استفسار کرنا چاہتا ہے؟
ظفر نے دبے الفاظ میں شکریہ ادا کر کے اِنکار کر دیا اور اگلے گواہ کو طلب کرنے کی درخواست کی۔ 
ایشین ٹراویل کا منیجر جوزف مینڈس نے مقدس بائبل پر ہاتھ رکھ کر سچ سچ کہنے کا حلف لیا۔ 
ظفر اقبال نے جوزف سے پوچھا۔ ’’جناب آپ کتنے برسوں سے اس ایجنسی میں کام کرتے ہیں ؟‘‘
’’بیس برس سے!‘‘ جوزف نے مختصر سا جواب دے دیا۔ 
’’بہت خوب۔ کیا گولڈن ٹرائنگل سے آپ لوگوں کا کوئی کاروباری معاہدہ ہے؟‘‘
’’جی ہاں ؟‘‘
’’بہت خوب! گویا اس کمپنی کے سارے ٹکٹ آپ لوگ ہی بناتے ہیں ؟‘‘
’’جی ہاں۔ وہ تمام سفر جو دفتری ضرورت کے پیشِ نظر کئے جاتے ہیں۔۔۔ میرا مطلب ہے جن کا بھگتان کمپنی کرتی ہے۔۔۔ اُن کا ٹکٹ ہم لوگ بناتے ہیں۔ دفتری ٹکٹ بنا کر ہم وقت ضرورت روانہ کر دیتے ہیں اور اُن کی قیمت مہینے کے آخر میں یکمشت وصول کر لی جاتی ہے۔‘‘
’’لیکن افراد کے ذاتی سفر کا کیا معاملہ ہوتا ہے؟‘‘
’’سالانہ چھٹی کے ٹکٹ کی قیمت چونکہ کمپنی ادا کرتی ہے اس لئے وہ ٹکٹ ہم بناتے ہیں۔ لیکن اس کے علاوہ مسافر کی اپنی مرضی ہے، چاہے تو ہم سے بنائے یا کسی اور سے؟‘‘
’’اس صورت میں ادائیگی کی کیا صورت ہوتی ہے؟‘‘
’’ایسے ٹکٹ ہم ادھار نہیں دیتے، بلکہ نقد ادائیگی کے بعد ٹکٹ حوالے کر دیا جاتا ہے۔‘‘
’’کیا اس صورت میں مسافر کے لئے بذاتِ خود آپ کے دفتر آنا ضروری ہوتا ہے یا ٹکٹ فون پربھی بن جاتا ہے۔‘‘
’’اکثر و بیشتر فون پر ٹکٹ کی بکنگ ہو جاتی ہے۔ اگر وقت ہو تو ہمارا آدمی ٹکٹ پہنچا دیتا ہے اور قیمت وصول کر کے لے آتا ہے، ورنہ مسافر خود ہمارے دفتر سے ٹکٹ حاصل کر لیتا ہے۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو اب آپ یہ بتائیں کہ اس ٹکٹ کے معاملے میں کیا ہوا؟‘‘
’’جناب! یہ ٹکٹ بھی۔۔۔ جیسا کہ میں نے ابھی بتلایا۔۔۔ فون پر مختص کیا گیا۔‘‘
وکیل جلول جلال نے درمیان میں مداخلت کی۔ ’’اگر ایسا ہے تو میں بھی ظفر اقبال کا ٹکٹ بک کروا سکتا ہوں۔‘‘
’’جی ہاں ! مجھے خوشی ہو گی اگر فاضل وکیل میرے لئے مفت میں سنگاپور کا ٹکٹ بنوا دیں۔۔۔‘‘ ظفر بولا۔ ’’جوزف صاحب! اگر وکیل صاحب میرا ٹکٹ فون پر بنوائیں تو کیا آپ کو پتہ چل سکتا ہے کہ یہ ٹکٹ میں نے بنوایا یا انہوں نے؟‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ ہمارے کمپیوٹر میں ہر فون نمبر کا اندراج ہو جاتا ہے۔‘‘
’’بہت خوب۔۔۔ تو کیا آپ یہ پتہ لگوا سکتے ہیں کہ صفدر کا ٹکٹ کس نمبر سے بک کیا گیا؟‘‘
’’کیوں نہیں۔ یہ تو آج کل ای۔ ٹکٹ پر لکھا ہوتا ہے۔‘‘
صفدر کا ٹکٹ صفدر کے حوالے کیا گیا اور اُس سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اس پر لکھے نمبر سے واقف ہے؟ صفدر نے تصدیق کر دی کہ یہ اس کے دفتر کا نمبر ہے۔ ظفر نے وکیل جلول جلال کی جانب دیکھ کر پوچھا۔ ’’آپ درمیان میں کوئی اور مداخلت تو نہیں چاہتے۔‘‘ جلول جلال نے چڑ کر نفی میں سر ہلا دیا۔ 
ظفر نے جرح کو آگے بڑھاتے ہوئے جوزف سے سوال کیا۔ ’’ٹکٹ بنانے کے لئے کن معلومات کی ضرورت ہوتی ہے؟‘‘
’’مقامِ سفر اور تاریخ بس!‘‘
’’اس کے علاوہ اور کوئی معلومات؟‘‘
’’فون نمبر ہم سسٹم سے لے لیتے ہیں۔ جی ہاں۔۔۔ مسافر کا پاسپورٹ نمبر بھی لیا جاتا ہے۔‘‘
ظفر نے قہقہہ لگا کر کہا۔ ’’تو گویا اگر وکیل صاحب میرا ٹکٹ بنانا چاہتے ہوں تو اُنہیں میرے پاسپورٹ نمبر کی ضرورت پڑے گی؟‘‘
’’جی ہاں۔۔۔‘‘ جوزف نے تائید کی اور جلول جلال کا چہرہ اُتر گیا۔ 
ظفر نے کہا۔ ’’عزت مآب قاضی صاحب۔۔۔ یہ ٹکٹ صفدر کے دفتر سے فون پر بنوایا گیا ہے اور فاضل وکیل یہ ثابت کر چکے ہیں کہ صفدر اس وقت دفتر میں تھا۔ اس لئے انہوں نے گویا میرا کام آسان کر دیا ورنہ مجھے یہ ثابت کرنا پڑتا کہ اُس وقت صفدر کہاں تھا۔ اب مجھے اس حوالے سے کسی زحمت کی ضرورت نہیں ، نیز جوزف صاحب بتلا چکے ہیں کہ پاسپورٹ نمبر کے بغیر ٹکٹ بن نہیں سکتا۔ گویا اگر یہ ٹکٹ کسی اور نے بنوایا تو اس کو اپنا پاسپورٹ نمبر خود صفدر نے دیا جو اُس نے اُسی روز دفتر سے واپس حاصل کیا تھا تاکہ سنگاپور کا سفر کر سکے۔‘‘ ظفر شکریہ ادا کر کے بیٹھ گیا اور اب گواہ وکیل جلول جلال کے حوالے ہو گیا تھا۔ 
جلول جلال نے جوزف سے پوچھا۔ ’’ٹھیک ہے جس کسی نے بھی ٹکٹ بنوایا لیکن وہ ٹکٹ حاصل کیسے کیا گیا؟‘‘
جوزف نے جواب دیا۔ ’’ہدایات یہ تھیں کہ کوئی دوست آ کر قیمت ادا کرے گا اور ٹکٹ لے جائے گا۔ اس لئے وہی ہوا، ٹکٹ تیار کر کے استقبالیہ میں رکھ دیا گیا اور ایک فرد نے آ کر رقم کی ادائیگی کی اور ٹکٹ لے گیا۔‘‘
’’کیا وہ شخص صفدر تھا؟‘‘
’’ہم نہیں جانتے وہ کون تھا اور یہ ہمیں جاننے کی ضرورت بھی نہیں۔ یہ تو امیگریشن والوں کا کام ہے کہ وہ دیکھیں صحیح مسافر اپنے ٹکٹ پر سفر کر رہا ہے یا نہیں ؟‘‘
’’لیکن آپ کے ریکارڈ میں اس فرد کا نام یا دستخط تو موجود ہوں گے؟‘‘
’’جی ہاں۔ اُس کا نام قلندر لکھا ہوا ہے اور دستخط سے آپ کچھ بھی اندازہ نہیں لگا سکتے۔‘‘
صفدر نے کچھ کہنے کے لئے ہاتھ اُٹھایا تو ظفر کو اپنا خواب یاد آگیا۔ اُس کی پیشانی پر پسینے کی بوندیں نمودار ہو گئیں۔ ظفر کے ساتھ عدالت میں ایسا پہلی بار ہوا تھا۔ جج نے صفدر کو اجازت دے دی۔ وہ بولا۔ ’’جناب عالی! نہ تو میں نے قتل کیا اور نہ میں نے ٹکٹ بنوایا۔ میں قلندر نہیں صفدر ہوں۔ مجھے کیوں پریشان کیا جا رہا ہے؟ کس جرم کی پاداش میں حراست میں رکھا جا رہا ہے؟ پولیس کو چاہئے کہ وہ قلندر کو تلاش کرے اور اس سے پتہ چلائے کہ آخر اس نے یہ ٹکٹ کیوں بنوایا؟ ورنہ میں پاگل ہو جاؤں گا۔ حقیقت تو یہ ہے کہ میں ٹوٹ چکا ہوں۔‘‘
وکیل جلول جلال اپنی جگہ سے کھڑا ہوا اور بولا۔ ’’میں اپنے مؤکل کی بھرپور تائید کرتا ہوں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ قلندر کو تلاش کر کے تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے اور صفدر کی درخواستِ ضمانت کو منظور کر لیا جائے۔‘‘
ظفر اقبال بولا۔ ’’میں ملزم اور اس کے فاضل وکیل کی اس حد تک تائید کرتا ہوں کہ قلندر کا پتہ لگایا جائے۔ لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ قلندر کو کیسے تلاش کیا جائے؟ اس کے لئے پولیس کے پاس کوئی جادو کا چراغ تو ہے نہیں کہ اسے گھستے ہی قلندر نمودار ہو جائے گا۔ قلندر کو تلاش کرنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ صفدر سے اس کا آغاز کیا جائے۔ اس لئے کہ قلندر نے بہرحال ٹکٹ تو صفدر کا بنوایا تھا، نیز اس کے پاس صفدر کا پاسپورٹ نمبر بھی تھا اور اس نے اپنی جیب سے صفدر کی خاطر روپئے بھی ادا کئے۔ اس لئے وہ یقیناً صفدر کا شناسا ہے اور صفدر ہی اُس تک رسائی کا واحد ذریعہ ہے۔ اس لئے میں عدالت سے درخواست کروں گا کہ صفدر سے مزید تفتیش کی خاطر اس کی ضمانت کو ردّ کر کے پولیس کے حوالے کیا جائے اور اس کی مدتِ حراست بڑھا دی جائے؟‘‘
جلول جلال بولا۔ ’’میری سمجھ میں یہ نہیں آتا کہ حراست کا مطالبہ محکمہ پولیس کے بجائے مدعی کے وکیل کی جانب سے کیوں آ رہا ہے؟ عزت مآب جج صاحب! آپ دیکھ رہے ہیں اس بلاوجہ کی زحمت کے سببمیرے مؤکل کی صحت پر بُرا اثر پڑ رہا ہے۔‘‘
ظفر نے کہا۔ ’’میں اس دلیل کی تائید کرتا ہوں اور عدالت سے درخواست کرتا ہوں کہ پولیس کی رائے معلوم کی جائے اور ملزم کی صحت کے بارے میں اگر کوئی طبی رپورٹ ہو تو اُسے عدالت میں پیش کیا جائے۔‘‘
جج نے درخواست کو منظور کر کے پولیس افسر کو استفسار کے لئے طلب کیا اور اکرم گواہ کے کٹہرے میں پہنچ گیا۔ 
وکیل جلول جلال نے پہلا سوال کیا۔ ’’آپ لوگ ملزمین کی طبی جانچ کرواتے ہیں ؟‘‘
’’عام ملزمین کی تو نہیں ، لیکن اگر قتل کا مقدمہ ہو تو تفتیش کے دوران خاص طور پر اِس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔‘‘
’’اس کی وجہ؟‘‘
’’وجہ تو نہایت صاف ہے۔ عام طور سے ملزمین دوران تفتیش حراست میں جن حقائق کا اعتراف کرتے ہیں ، بعد میں از خود یا اپنے وکلاء کے کہنے پر مکر جاتے ہیں اور یہ الزام جڑ دیتے ہیں کہ پولیس نے زد و کوب کر کے اعتراف پر مجبور کر دیا تھا۔ اس لئے ہم لوگ احتیاط کے طور پر وقفہ وقفہ سے طبی جانچ کرواتے رہتے ہیں۔‘‘
’’کیا آپ کے پاس صفدر کی طبی رپورٹس موجود ہیں ؟‘‘
اکرم نے ایک دبلی سی فائل عدالت کے حوالے کر دی اور بولا۔ ’’ہر تین دن کے وقفے سے کرائی گئی جانچ کی رپورٹ اس فائل میں موجود ہے۔‘‘
ظفر اس فائل کو دیکھ چکا تھا، پھر بھی اس پر ایک اُچٹتی ہوئی نگاہ ڈال کر اُس نے سوال کیا۔ ’’میرے خیال میں اس کے مطابق صفدر جسمانی طور پر صحتمند ہے ؟‘‘
وکیل جلول جلال بولا۔ ’’شاید ظفر اقبال دِل کو جسم کا حصہ نہیں سمجھتے۔ اس لئے بلڈ پریشر کی جانب سے صرفِ نظر فرما رہے ہیں۔‘‘
اکرم نے خلاصہ کرتے ہوئے کہا۔ ’’ہم نے اس بارے میں معالجین سے دریافت کیا تو انہوں نے بتلایا کہ خون کا دباؤ بیماری نہیں بلکہ علامت ہے۔‘‘
’’علامت ہے؟ کس بات کی علامت ہے؟‘‘ وکیل جلول جلال نے فوراً سوال کیا۔ 
’’ڈاکٹروں کے مطابق یہ خوف، اندیشہ اور فکر مندی کی علامت ہے اور شک کی طرح جس کا علاج حکیم لقمان کے پاس بھی نہیں ، ان نفسیاتی اُلجھنوں کا کوئی علاج کسی کے پاس نہیں ہے۔‘‘
’’اگر اس کا علاج خود ڈاکٹر کے پاس نہیں تو پھر کس کے پاس ہے؟‘‘ جلول جلال نے بپھر کر سوال کیا۔ 
اکرم مسکرا کر بولا۔ ’’لگتا ہے وکیل صاحب کا بلڈ پریشر بھی کچھ بڑھ رہا ہے۔ خیر، ڈاکٹروں کے مطابق چونکہ خوف، اندیشہ اور غم و غصہ کو خود مریض اپنے اُوپر اوڑھ لیتا ہے، اس لئے خود اُسی کو انہیں اُتار پھینکنا ہوتا ہے۔ ڈاکٹر حضرات محض احساس کو کم کرنے کے لئے کچھ دوائیں تجویز کر دیتے ہیں ، جو حقیقت میں علاج نہیں ہوتا۔‘‘
’’گویا میرے مؤکل کے غم و غصہ کو ڈاکٹر اور آپ دونوں تسلیم کرتے ہیں۔‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ وکیل اور مؤکل کے غم و غصہ کو ہم تسلیم کرتے ہیں۔ لیکن جیساکہ میں پہلے بتلا چکا ہوں ، ہم اس بارے میں ان دونوں کی کوئی مدد نہیں کر سکتے۔‘‘
ظفر نے پوچھا۔ ’’لیکن قلندر کو آپ کس طرح تلاش کریں گے؟‘‘
’’قلندر کے بارے میں سب سے پہلے معلوم کرنا ہو گا کہ آخر یہ کون ہے؟‘‘
’’یہ کیسے معلوم ہو گا؟‘‘
’’ابتدا تو ہمیں صفدر ہی سے کرنی ہو گی اور اس سے جو کچھ ہمیں پتہ چلے گا، ہم وہیں سے آگے بڑھ جائیں گے۔‘‘
’’اس کے لئے کیا صفدر کی حراست درکار ہے؟‘‘
’’بے شک درکار ہے۔ اس کے بغیر یہ کام نہیں ہو سکتا۔‘‘
ظفر نے کہا۔ ’’جناب! اس بار پولیس کی جانب سے ضمانت کی منسوخی طلب کی جا رہی ہے۔‘‘
جج نے حراست کی مدت میں دو ہفتوں کا اضافہ کیا اور عدالت کی کارروائی ملتوی ہو گئی۔ 
صفدر اُن فلموں کے عذاب سے ایک بار پھر کانپ اُٹھا۔ اب اس سے کئے جانے والے سوال میں ایک اور کا اضافہ ہو گیا تھا۔ قلندر کون ہے؟ اس سے قبل ہر روز فلم بینی سے قبل اور بعد میں ایک سوال ہوتا تھا کہ خضر حیات کا قتل کس نے کیا ہے؟ اب یہ بھی پوچھا جائے گا کہ قلندر کون ہے؟ حالانکہ ان دونوں سوالات کا کوئی جواب اس کے پاس نہیں تھا۔ 



۱۴
سکندر کی واپسی


سمیہ ایک ویران سی پگڈنڈی پر تنہا اپنا بے مقصد سفر طے کر رہی تھی، جس کی کوئی منزل نہیں تھی کہ اچانک اُسے ایک ٹھوکر لگی اور کانوں میں ہلکی ہلکی سی آواز ٹکرائی۔۔۔ ممی۔۔۔ ممی۔۔۔ اُس نے اِدھر اُدھر دیکھا۔ دُور دُور تک کسی بشر کا کوئی نشان نہیں تھا۔ وہ آگے بڑھی۔ چند قدم کے بعد اسے پھر ٹھوکر لگی اور پھر وہی آواز، ممی۔۔۔ ممی۔۔۔ اُس نے پھر ٹھہر کر چاروں طرف دیکھا۔۔۔ کوئی نہیں تھا۔ وہ پھر چل پڑی اور یہ نیا سلسلہ بھی اس کے ساتھ چل پڑا۔ ہر چند قدم کے بعد اُسے ٹھوکر لگتی اور آوازیں آتیں۔ وہ رُک کر اِدھر اُدھر دیکھتی، مگر کسی کو اپنے پاس نہیں پاتی اور پھر محوِ سفر ہو جاتی۔ نہ جانے کتنی صدیوں تک یہ سلسلہ جاری رہا۔ اب وہ اس کی عادی ہو چکی تھی۔ اسے کوئی حیرت نہ ہوتی تھی کہ اچانک پھر ایک بار حسبِ معمول ایک ٹھوکر لگی، لیکن کوئی آواز نہیں آئی۔ اس کے باوجود اس نے ٹھہر کر حسبِ عادت اِدھر اُدھر دیکھا اور آگے بڑھ گئی۔ کچھ دُور جانے کے بعد اُسے کوئی ٹھوکر نہیں لگی، کوئی آواز نہیں آئی، اس کے باوجود اس نے ٹھہر کر اِدھر اُدھر دیکھا۔ ٹھوکر کہاں گئی؟ آواز کہاں گم ہو گئی؟ اب وہ ان دونوں کو تلاش کر رہی تھی۔ ’’ممی ممی‘‘ کی آواز کو ڈھونڈ رہی تھی۔ وہ آواز جو کبھی اس کا پیچھا کیا کرتی تھی، اب وہ اس کے پیچھے لگ گئی تھی۔ سمیہ کو اپنے سفر کا ایک مقصد مل گیا تھا۔ ایک منزل کی تلاش میں وہ سرگرداں ہو گئی تھی۔ وہ چاہ رہی تھی کہ پھر سے اُسے ٹھوکر لگے اور پھر سے اس کے کانوں میں وہی سریلی آواز گونجے۔ لیکن اب اس کے چہار جانب خاموشی چھائی ہوئی تھی۔۔۔ خوفناک خاموشی اور موت کا اندھیرا۔۔۔ اس کے باوجود وہ اُمید کا ایک ننھا سا ٹمٹماتا ہوا چراغ لے کر نہ جانے کب تک یوں ہی چلتی رہی کہ اچانک اُسے پھر ایک بار فیصلہ کن ٹھوکر لگی اور اس کی آنکھ کھل گئی۔ 
سکندر کی خوشبو سے سارا کمرہ مہک رہا تھا۔ سکندر۔۔۔ جو کبھی اس کے جسم و جان کا حصہ تھا۔ سکندر۔۔۔ جس کو اپنے بطن میں لئے وہ نو ماہ اور نو دن پھری تھی۔ سکندر۔۔۔ جس کی پرورش اس نے اپنے خونِ جگر سے کی تھی۔ سکندر۔۔۔ جو اس کے اور خضر حیات کے درمیان آخری تصادم کی وجہ بنا تھا۔ سکندر۔۔۔ جو نتائج کی پرواہ کئے بغیر اپنی ماں کے ساتھ آگ کے الاؤ میں کود پڑا تھا۔ سکندر۔۔۔ جو نہ جانے کب سے زندگی اور موت کے درمیان لٹک رہا تھا۔۔۔ جو نہ زندہ تھا اور نہ۔۔۔ سمیہ اپنے آپ پر نادم تھی۔ وہ اپنے جگر گوشہ کو کس طرح بھول گئی تھی؟ ہسپتال سے واپس آنے کے بعد ایک بار بھی اُسے اپنے سکندر پاشا سے ملنے کا خیال نہیں آیا تھا۔ ایک بار بھی نہیں۔ وہ کیسی ماں تھی؟ سنگدل ماں !! سمیہ اپنے آپ سے پوچھ رہی تھی۔۔۔ اپنے آپ سے ناراض ہو رہی تھی۔۔۔ اپنے آپ کو کوس رہی تھی۔ احساسِ جرم کا عظیم پربت اپنے کاندھوں پر  لے کر بوجھل قدموں کے ساتھ سمیہ اٹھی اور غسل خانے کی جانب چل پڑی۔ چند منٹوں کے بعد وہ ہسپتال میں تھی۔ پانچویں منزل پر بچوں کے خصوصی وارڈ کے دروازے پر اس نے جیسے ہی ثریا کو دیکھا، وہ حیرت سے بے ساختہ بول پڑی۔ ’’ارے تم؟ تم یہاں کیا کر رہی ہو؟‘‘
ثریا مسکرا کر بولی۔ ’’یہی سوال میں تم سے بھی کر سکتی ہوں سمیہ۔‘‘
’’کیسی باتیں کرتی ہو ثریا! کیا واقعی تم اس سوال کا جواب نہیں جانتیں ؟‘‘
’’جواب تو تم بھی جانتی ہو۔ اِس کے باوجود تم نے سوال تو کر ہی دیا۔‘‘
اُسی وقت سامنے سے بچوں کے شعبہ کی معروف نرس چھمیہ بیگم آتی ہوئی دِکھائی دی۔ ثریا نے اُسے سلام کیا۔ 
چھمیہ نے جواب کے ساتھ ہی سوال کیا؟ ’’یہ کون ہے؟‘‘
’’یہ۔۔۔ تم نہیں جانتیں انہیں۔۔۔ ؟ یہی تو سکندر کی امیّ ہیں۔‘‘
’’ثریا! تم تو بڑا اچھا مذاق کر لیتی ہو۔ میں نے دو بچوں کی ایک ماں تو دیکھی تھی، لیکن ایک بچے کی دو مائیں۔۔۔ ؟ حیرت ہے؟‘‘
’’اِس میں حیرت کی کیا بات ہے چھمیہ! دو کیا، چار مائیں بھی ہو سکتی ہیں۔‘‘
’’اوہو۔۔۔ میں اب سمجھی۔ جی ہاں چار بھی ہو سکتی ہیں۔ معاف کرنا، مجھ سے چوک ہو گئی۔‘‘
’’جی نہیں ! بات وہ نہیں ہے جو تم سمجھ رہی ہو۔‘‘
’’اچھا یہ بھی نہیں ہے! وہ بھی نہیں ہے! تو پھر آخر بات کیا ہے؟‘‘ چھمیہ ٹھمک کر بولی۔ 
’’کیا ہر چیز کا سمجھنا ضروری ہے؟‘‘
’’جی نہیں اور ممکن بھی نہیں۔‘‘
’’تو ٹھیک ہے، ایسا کرواِس بات کو بھی اُسی خانے میں ڈال دو۔‘‘
’’کہیں یہ ٹسٹ ٹیوب بے بی والا قصہ تو نہیں ہے؟‘‘
’’چھمیہ، کہا نا تم سے۔۔۔ کیوں بلاوجہ اپنے دماغ کا دہی کر رہی ہو؟‘‘
’’ٹھیک ہے بابا۔۔۔ میرے پاس بہت کام ہیں۔‘‘
’’تو جاؤ اُن کاموں کو کرو۔۔۔ کس نے تمہیں روکا ہے؟‘‘
’’ٹھیک ہے، ٹھیک ہے۔۔۔ اچھا تو میں چلتی ہوں ، سکندر کی پرانی امی۔۔۔‘‘ چھمیہ نے ثریا کی جانب دیکھ کر کہا اور سمیہ کی جانب مڑ کر بولی۔ ’’سکندر کی نئی امی۔۔۔ خدا حافظ! میں چلتی ہوں۔‘‘
سمیہ بولی۔ ’’یہ کون پاگل عورت ہے؟ اسے تو پاگل خانے میں ہونا چاہئے۔ یہاں کیا کر رہی ہے؟‘‘
’’سمیہ! تم ٹھیک کہتی ہو۔ یہ بے چاری اپنے کام کی دھن میں پاگل ہے۔ یہاں آتے ہی یہ اِن بچوں میں ایسی کھو جاتی ہے کہ اسے نہ اپنا ہوش رہتا ہے نہ اپنے گھر کا۔ یہ اپنا کھانا پینا اور واپس لوٹ کے جانا تک بھول جاتی ہے۔ اس کے آنے جانے کے اوقات طے نہیں ہیں۔ جب تھک کے چوُر ہوتی ہے تو چلی جاتی ہے۔ جب بھوک سے نڈھال ہو جاتی ہے تو کچھ کھا پی لیتی ہے۔ سامنے والی عمارت نرس خواتین کی رہائش گاہ ہے۔ یہ اُس میں کم اور اِس وارڈ میں زیادہ رہتی ہے۔ لوگ کہتے ہیں یہ فنا فی الخدمت ہے۔‘‘
’’سو تو ٹھیک ہے۔۔۔ لیکن یہ جو بک بک کر رہی تھی، اُس کا کیا؟‘‘
’’دراصل وہ ہر روز صبح مجھے یہاں دیکھتی ہے، اس لئے مجھ کو سکندر کی ماں سمجھنے لگی ہے۔‘‘
’’ہر روز؟‘‘
’’ہاں سمیہ! یہ میرا معمول ہے کہ ہر روز صبح دفتر جاتے ہوئے میں یہاں سے ہوتی ہوئی جاتی ہوں۔‘‘
’’لیکن پھر بھی ہر روز۔۔۔ ؟‘‘
’’یہ ہسپتال میرے راستے میں پڑتا ہے۔ اس لئے کوئی زحمت کی بات نہیں۔ بلکہ اگر میں یہاں نہ آ سکوں تو۔۔۔‘‘
’’تو کیا۔۔۔ ؟‘‘
’’میں نہیں جانتی۔ اس لئے کہ ایسا کبھی نہیں ہوا اور شاید کبھی نہ ہو گا؟ خضر نے آخری وقت میں مجھ سے کہا تھا کہ سکندر کا خیال رکھنا۔ آخری بات اس نے یہی کہی تھی ثریا۔۔۔ سکندر کا خیال رکھنا۔‘‘
بات کرتے کرتے سمیہ اور ثریا سکندر کے بستر کے پاس پہنچ گئیں۔ سکندر  نہایت سکون سے زندگی کی نیند سو رہا تھا۔ زندگی اس کی سانسوں میں چلتی تھی، رگوں میں دوڑتی تھی۔۔۔ لیکن کسی کو نظر نہ آتی تھی۔ موت اس کی آنکھوں میں سوتی تھی، ہونٹوں پر کھیلتی تھی، اس لئے سب کو دکھائی دیتی تھی۔ سمیہ کے کانوں میں سکندر کی آواز گونج رہی تھی۔ اس کو لگا ابھی دوڑ کر سکندر اس سے لپٹ جائے گا۔ سکندر جو شعلوں کی لپکسے بھی نہ ڈرتا تھا۔ لیکن یہ اس کا محض خیال تھا۔۔۔ بلکہ ایک خام خیالی تھی۔ اس بات کی خبر کسی کو نہیں تھی کہ سکندر کو ابدی نیند سے قبل کب تک یوں ہی نیند کی آغوش میں پڑے رہنا تھا؟۔ نہ سمیہ، نہ ثریا، نہ چھمیہ، اور نہ خود سکندر۔۔۔ کسی کے پاس اس آسان سے سوال کا جواب نہیں تھا۔۔۔ کسی کے پاس بھی نہیں۔ 
واپس ہوتے ہوئے سمیہ کے کانوں سے چھمیہ کی آواز ٹکرائی۔ ’’ارے بی بی جی! آپ ابھی تک یہیں ہیں اور آج تو چھٹی بھی نہیں ہے۔ کیا دفتر نہیں جانا ہے؟
’’جانا کیوں نہیں ہے؟ لیکن چھمیہ تم تو کھوسٹ ساس کی طرح میرے پیچھے پڑ گئیں۔‘‘
’’ساس کس طرح پیچھے پڑتی ہے۔ تم نہیں جانتیں بی بی۔ ساس جب پیچھے پڑتی ہے نا تو بہو اپنا سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر بھاگ جاتی ہے۔‘‘
’’جس طرح۔۔۔‘‘ ثریا کچھ کہتے کہتے رُک گئی۔ 
’’ہاں۔۔۔ تم صحیح کہہ رہی تھیں۔ جس طرح میں بھاگ آئی۔ لیکن مجھے اس کا کوئی افسوس نہیں اور مجھے یقین ہے کہ میری ساس کو بھی نہیں ہو گا۔‘‘
’’سو تو ہے۔ لیکن تمہاری ساس کے بیٹے کو تو یقیناً ہو گا۔۔۔ افسوس۔‘‘
’’ہو سکتا ہے۔۔۔ لیکن شاید نہیں بھی! اس لئے کہ وہ شادی کے بعد بھی اپنی ماں کا بیٹا ہی بنا رہا۔ کبھی بھی میرا خاوند نہ بن سکا۔ ماں کہتی تھی بیٹھ تو بیٹھتا تھا، اور اُٹھ تو اُٹھتا تھا۔ اب ایسے آدمی کی بیوی کوئی کیسے بنے، جو خود اپنا نہ ہو؟ اس لئے میں نے سوچا کہ اُس کو پریشان کرنے سے اور خود کو پریشان ہونے سے بچانے کا سب اچھا طریقہ یہ ہے کہ اپنا راستہ ناپ لو۔ اسی میں ماں بیٹے اور چھمیہ کی بھلائی ہے۔‘‘ اُس روز نہ جانے چھمیہ کو کیا ہو گیا تھا۔ اُس نے زندگی میں پہلی بار اپنے دل کا وہ دریچہ اچانک کھول دیا تھا جسے بند کر کے وہ خود بھول گئی تھی۔ اس روز چھمیہ وقت سے پہلے اپنے کمرے میں چلی گئی اور دروازہ بند کر کے دیر تک روتی رہی۔ بچوں کے آنسوؤں کو دیکھ بے چین ہو جانے والی چھمیہ خود رو رہی تھی۔ برسوں بعد وہ وہ اپنے آپ پر زار و قطار رو رہی تھی۔ نہ جانے کیوں وہ اس طرح رو رہی تھی، حالانکہ اسے اپنے فیصلے پر واقعی قلق  نہیں تھا۔ 
ہسپتال کی پہلی منزل پر کینٹین تھی۔ ثریا نے کہا۔ ’’سمیہ، تم آج اتنے دنوں بعد ملی ہو، چلو ساتھ میں چائے پی لیتے ہیں۔‘‘
’’لیکن تمہیں دفتر جانے میں تاخیر ہو جائے گی۔‘‘
’’ہو جائے تو کوئی حرج نہیں۔ ویسے بھی ہمارے ایم۔ ڈی غیرملکی دَورے پر گئے ہوے ہیں۔ اس لئے کوئی خاص کام نہیں ہے۔ میں دفتر میں اطلاع دیئے دیتی ہوں۔‘‘
چائے کے دَوران پھر سکندر کا ذکر چھڑ گیا۔ سمیہ نے پوچھا۔ ’’سکندر تو بالکل ویسا کا ویسا ہی ہے جیساکہ ہم لوگ اُسے چھوڑ کر گئے تھے؟‘‘
’’ہاں۔۔۔ بظاہر وہ ویسا ہی ہے۔‘‘
’’بظاہر کا کیا مطلب؟‘‘
’’مطلب یہ کہ ہم اس میں کوئی فرق محسوس نہیں کر پا رہے ہیں مگر۔۔۔‘‘
سمیہ نے جملہ کاٹ دیا۔ ’’مگر کیا؟‘‘
’’مگر یہ کہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے اس میں تبدیلیاں واقع ہو رہی ہیں۔ وہ لوگ طبی آلات کی مدد سے اس کا پتہ لگاتے ہیں۔‘‘
’’سچ؟ یا تم مجھے بہلانے کے لئے یہ کہہ رہی ہو؟‘‘
’’میں تو تمہیں بہلانے کے لئے نہیں کہہ رہی۔۔۔ لیکن ڈاکٹروں نے مجھے بہلانے کے لئے کہا ہو تو میں نہیں جانتی۔‘‘
’’جی ہاں ، یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ڈاکٹر حضرات بھی تمہیں اس کی ماں سمجھتے ہوں ؟‘‘
’’ہو سکتا ہے! اس لئے کہ ہسپتال کا سارا عملہ یہی سمجھتا ہے اور میرے آنے جانے پر کوئی روک ٹوک نہیں کرتا۔ اس لئے میں نے بھی کبھی ان کی غلط فہمی دُور کرنے کی کوشش نہیں کی۔‘‘
ثریا! تمہاری یہ بات غلط ہے کہ انہیں کوئی غلط فہمی ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ خضر حیات کی حیات تک ہی میں سکندر کی ماں تھی۔ لیکن جاتے جاتے وہ تمہیں اس کی ماں بنا گیا اور کیا خوب ماں کا انتخاب کیا اس نے۔۔۔ کیا خوب!!‘‘
ثریا نے تائید کی اور بولی۔ ’’اس کا ہر انتخاب بہت خوب تھا سمیہ۔ تم بھی تو اس کا انتخاب ہو۔ سکندر حیات کو جنم دینے کے لئے اس نے تمہارا انتخاب کیا تھا۔‘‘
’’جی ہاں ثریا۔۔۔ لیکن آگے چل کر ممکن ہے اسے احساس ہو گیا ہو کہ اس کا انتخاب صحیح نہیں ہے، اس لئے جاتے جاتے اس نے اصلاح کر دی۔‘‘
’’نہیں ثریا! اس وقت تم خود موت اور زیست کے درمیان کھڑی تھیں اور وہ موت سے نبرد آزما تھا۔ اس کے لئے ممکن نہ تھا کہ تم سے بات کرتا۔ اس لئے مجبوراً خضر کو ایسا کرنا پڑا۔‘‘
’’نہیں ثریا۔ اس نے صحیح کیا جو تمہارے ذمہ یہ کام سونپ کر گیا۔ اگر میرے ذمہ ہوتا تو میں اس خوبی سے اس کا حق ادا نہیں کر پاتی۔ خیر چھوڑو۔۔۔ یہ بتاؤ کہ تم نے مجھ سے رابطہ کیوں منقطع کر لیا؟ کیا مجھ سے کوئی غلطی سرزد ہو گئی؟ اگر ایسا ہے تو میں معافی چاہتی ہوں۔‘‘
’’نہیں سمیہ۔۔۔ اس کی ضرورت نہیں۔ ایسا کچھ بھی نہیں۔ دراصل صفدر کے ساتھ جیل میں اس ملاقات کے بعد کچھ بھی ہمارے منصوبے کے مطابق نہیں ہوا۔ صفدر کی ضمانت کے مسترد ہو جانے کے بعد میرے ذمہ ایک اور کام بڑھ گیا۔ گھر کے کام تو ہوتے ہی ہیں اور دفتر کے بھی۔ اس لئے میں یہ کرتی ہوں کہ ایک روز شام میں اپنے گھر کے کام نمٹاتی ہوں اور دُوسرے دن صفدر سے ملنے جیل جاتی ہوں۔ تم تو جانتی ہو سینٹرل جیل شہر کے دُوسرے کنارے پر ہے۔ جس روز وہاں جانا ہوتا ہے، کوئی اور کام نہیں ہو سکتا۔ اس لئے ایک روز کھانا بناتی ہوں۔ دوسرے روز تک خود کھاتی ہوں اور اس کے لئے بھی لے جاتی ہوں۔ چھٹی کے دن صفائی وغیرہ کا کام ہوتا ہے۔‘‘
’’جی ہاں ! اور پھر یہاں ہسپتال میں آنا بھی تو ایک کام ہے؟‘‘
’’وہ تو کسی قدر آسان ہے۔ اس لئے کہ میرا گھر یہاں سے قریب ہے۔‘‘
’’اچھا یہ بتاؤ کہ صفدر کا کیا حال ہے؟‘‘
’’صفدر میں بھی بظاہر کوئی تبدیلی نہیں ہے۔‘‘
’’بظاہر۔۔۔ کیا مطلب۔۔۔ ؟‘‘
’’یہی کہ اس کے اندر ہونے والی تبدیلی کا پتہ طبی آلات کی مدد سے نہیں لگایا جا سکتا۔ لیکن وہ اندر ہی اندر ٹوٹ رہا ہے۔ موت کا خوف اُسے کھائے جا رہا ہے۔ اسے یقین ہونے لگا ہے کہ ظفر اقبال اسے موت کی نیند سلا کر رہے گا۔‘‘
’’دراصل یہ ظفر اقبال ہمارے سارے منصوبے پر پانی پھیرنے پر تلا ہوا ہے۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ اس کا کیا کیا جائے؟‘‘
’’تمہاری سمجھ میں تو کیا۔۔۔ وہ وکیل جلول جلال کے بھی قابو میں نہیں آ رہا ہے۔ دراصل ہماری پچھلی ملاقات کے بعد جس طرح کے سوالات ظفر نے ہم دونوں سے کئے، ان سے تو میں ڈر ہی گئی تھی۔ اسے میرے تم سے اور صفدر کے ساتھ بیک وقت تعلقات پر شک ہونے لگا تھا اور مجھے اندیشہ لاحق ہو گیا کہ کہیں وہ اس معمولی سی بات کا بتنگڑ نہ بنا دے۔ سچ تو یہ ہے سمیہ کہ صفدر تو درکنار مجھے بھی ظفرسے خوف محسوس ہونے لگا ہے۔‘‘
’’تمہیں کس بات کا خوف؟‘‘
’’دیکھو سمیہ۔۔۔ اس نے جس پاسپورٹ کے حاصل کرنے پر ہنگامہ کھڑا کیا، وہ میں نے ہی اپنی کمپنی کے دفتر سے حا صل کیا تھا اور اس کا زندہ ثبوت یعنی میرے دستخط وہاں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ صفدر کی ضمانت کے کاغذات بھی میرے ہی نام سے بنے تھے۔ میرا صفدر سے باضابطہ ربط ضبط ہے، جسے کم از کم ان حالات میں جبکہ صفدر بالکل ہی اکیلا پڑ گیا ہے، میں منقطع نہیں کر سکتی۔ لیکن پھر بھی ڈر تو لگتا ہی ہے۔ ایسے میں میں نے سوچا، تم سے دُوری بنائے رکھنے میں ہی ہم سب کی بھلائی ہے۔‘‘
سمیہ بولی۔ ’’شاید تمہاری بات صحیح ہے۔ لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ سکندر ہمارے درمیان کی کڑی بن جائے۔ مجھے تمہارے آنے کا وقت کا پتہ چل گیا ہے۔ میں بھی کبھی کبھار اِس دوران آ جایا کروں گی انشا اللہ۔۔۔ ویسے چھٹی کے دن تم کس وقت آتی ہو؟‘‘
’’اسی وقت۔۔۔۔‘‘ ثریا بولی۔ 
’’تب تو ٹھیک ہے۔ اسی دن ہم لوگ ملیں گے۔ کم از کم تمہیں دفتر جانے کی جلدی بھی نہیں ہو گی آج کی طرح۔‘‘
’’ جی ہاں۔ یہ بہتر اور محفوظ طریقہ ہے۔‘‘
سمیہ اور ثریا جدا ہو گئے لیکن ثریا دفتر نہیں گئی۔ وہ بھی کمرہ بند کر کے دیر تک روتی رہی۔ وہ نہ جانے کس کے لئے آنسو بہا رہی تھی؟ سکندر کے لئے؟ سمیہ کے لئے؟ خضر کے لئے؟ صفدر کے لئے؟ یا اپنے آپ پر آنسو بہا رہی تھی؟ خضر کی شادی والے حادثے کے بعد وہ پہلی بار زار و قطار روئی تھی۔ 


۱۵
مست قلندر


’’میں کچھ نہیں جانتا۔‘‘
’’توسب جانتا ہے۔‘‘
’’آپ یقین کریں۔۔۔ میں کچھ بھی نہیں جانتا۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو توُ اب جان جائے گا۔‘‘ صفدر سمجھ گیا کہ اب کیا ہونے والا ہے۔ دھڑام دھڑام۔۔۔ آہ و بکا۔۔۔ گالی گلوچ۔۔۔ چیخ پکار۔۔۔ مار پیٹ۔۔۔ صفدر نے اپنی آنکھیں بند کر لیں۔ لیکن کان تو وہ بند نہ کر سکتا تھا۔ شور اس قدر زیادہ تھا کہ اگر کانوں پر ہاتھ رکھے تب بھی پردے پھٹ جائیں۔ وہ آنکھیں بند کر کے بھی چشمِ تصوّر سے وہی سب دیکھ رہا تھا، جسے نہ دیکھنے کے لئے اس نے آنکھوں پر پٹی باندھ لی تھی۔ گزشتہ کئی دنوں سے یہ اس کا معمول بن گیا تھا کہ ہفتہ میں دو بار کیپٹن سعید اس طرح کی ایک فلم لے کر آتا، جس میں ایک قیدی کی اذیت رسانی کے مناظر ہوتے تھے اور آخر میں وہی ایک سوال۔ خضر کا قتل کس نے کیا؟‘‘
لیکن اس فلم میں تو حد ہو گئی تھی۔ اچانک قیدی نے کانپتے اور چیختے ہوئے سوال کرنا شروع کر دیا۔ ’’یہ آپ کیا کر رہے ہیں ؟ میں نہیں جانتا! یہ آپ کیا غضب کرنے جا رہے ہیں ؟ میں واقعی کچھ نہیں جانتا۔‘‘
’’ابھی سب جان جاؤ گے۔‘‘ ایک کرخت آواز آئی۔ صفدر پھر آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر دیکھنے لگا۔ دو پہلوان نما لوگ اس قیدی کو اُٹھا کر کھڑکی کی جانب جا رہے تھے۔ لیکن اس سے پہلے کیمرے نے کھڑکی سے نیچے جھانکا۔ یہ سمندر کے کنارے ایک نہایت بلند عمارت تھی۔ سمندر کے اندر طوفان مچا ہوا تھا۔ گویا لہریں اچھل اچھل کر حل من مزید کا تقاضہ کر رہی ہوں۔۔۔ ’’حل من مزید، حل من مزید، مجھے اور چاہئے۔‘‘
قیدی ہذیانی کیفیت میں مبتلا ہو گیا تھا۔ وہ بار بار ایک ہی بات دوہرائے جاتا تھا۔ میں نہیں جانتا۔۔۔ میں کچھ بھی نہیں جانتا!!
’’وہ سامنے کیا ہے؟‘‘
’’میں نہیں جانتا۔‘‘
’’اندھا ہے کیا؟‘‘
’’میں نہیں جانتا۔۔۔ میں کچھ بھی نہیں جانتا۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ ابھی سب جان جائے گا۔‘‘
ایک ہیولہ ہوا میں اُچھلا اور جھپاک کی آواز آئی۔ اس کے بعد سمندر حسبِ معمول ہو گیا۔ گویا کچھ ہوا ہی نہ ہو۔ فلم بند ہو گئی۔ 
کمرے میں روشنی پھیل گئی۔ صفدر کی آنکھوں میں خوف کا سمندر ٹھاٹھیں مار رہا تھا۔ وہ ڈر کے مارے تھر تھر کانپ رہا تھا۔ 
کیپٹن سعید نے اس کی جانب دیکھا اور اشارے سے سوال کیا۔ 
صفدر نے جواب دینے کے بجائے کہا۔ ’’صاحب! آپ مجھے بھی کسی اونچی سی عمارت میں لے جا کر سمندر میں پھینک دیجئے۔ میرے اندر اب مزید اس طرح کی فلمیں دیکھنے کی تاب نہیں۔ میرے دماغ کی رگیں پھٹ جائیں گی۔‘‘
’’نہیں ! ہم تمہارے ساتھ ایسا نہیں کر سکتے۔ تمہیں ہم سزا دے دیں گے تو ظفر کا کیا ہو گا؟ تمہیں تو عدالت ہی سولی چڑھوائے گی۔‘‘
صفدر کی سمجھ میں کچھ نہ آیا۔ وہ بولا۔ ’’خیر جو بھی ہونا ہو، ہو جائے۔ اس بار بار کے عذاب سے میں تنگ آ چکا ہوں۔ آپ برائے کرم مجھے یہ فلمیں نہ دِکھلائیں۔ اس کے عوض آپ جو کہیں گے، میں وہی کروں گا۔‘‘
’’اچھا ٹھیک ہے۔ اگلی مرتبہ ہم تجھے دُوسری قسم کی فلم دکھلائیں گے۔‘‘
’’دُوسری قسم۔۔۔ میں سمجھا نہیں ؟‘‘
’’ہم تجھے قلندر کی فلم دکھلائیں گے۔‘‘
’’قلندر۔۔۔ کون قلندر۔۔۔ اوہو۔۔۔ وہی قلندر جس نے میری ٹکٹ بنوائی تھی۔۔۔ وہی نا!‘‘
’’بہت جلدی تم نے پہچان لیا اور بہت ہی صحیح پہچانا۔ تم تو سب کچھ جانتے ہو۔‘‘
’’جی! جی نہیں سرکار۔۔۔ اس قلندر کی وجہ سے میری اس تعذیب میں توسیع ہوئی ہے۔ میں اسے کیسے بھول سکتا ہوں ؟
’’تعذیب۔۔۔ کیسی تعذیب؟ ہم نے تو ابھی تک تمہیں چھوا بھی نہیں۔‘‘
’’درست جناب درست! مگر میں ان بھیانک فلموں کی بات کر رہا تھا جو مجھے بار بار دِکھلائی جاتی ہیں۔‘‘
’’صفدر تم تصویروں سے اِس قدر ڈرتے ہو۔ لیکن جب حقیقت سے پالا پڑے گا تو کیا کرو گے؟‘‘
اس جواب کے تصوّر سے صفدر کانپ گیا۔ وہ بولا۔ ’’جناب اب میرے لئے مجاز اور حقیقت کے درمیان کا فرق مٹ چکا ہے۔‘‘
’’ہاں ، لیکن ہو سکتا ہے قلندر کی فلم دیکھنے کے بعد تمہاری رائے بدل جائے۔‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ اگر وہ آپ کے ہاتھ آگیا ہے تو یقیناً دُودھ کا دُودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا اور میری بے گناہی ثابت ہو جائے گی۔‘‘
’’کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ ممکن ہے یہی ہو جائے۔ دیکھتے ہیں وہ کل کیا بولتا ہے۔ خیر، وہ جو بھی کہے گا، ہم تمہیں دکھلا دیں گے۔‘‘
صفدر کے لئے بڑے دنوں بعد تاریک اندھیری رات میں اُمید کا ایک ننھا سا چراغ روشن ہوا تھا۔ اسے یقین تھا کہ قلندر کے ذریعہ پولیس اُس شخص تک پہنچ جائے گی جس نے جعلی ٹکٹ بنا کر اُسے پھنسا دیا، اور پھر وہ ضمانت پر رہا ہو جائے گا۔ اس کے بعد سب کچھ طے شدہ منصوبے کے مطابق ہونے لگے گا۔ وکیل جلول جلال سارے معاملات کو سنبھال لے گا۔ 
صفدر کو پھر ایک بار تفتیش کی خاطر بلایا گیا۔ اسے یقین سا ہو گیا تھا کہ وہ آخری مرتبہ اس مرحلے سے گزرنے والا ہے اور اب یہ سلسلہ تمام ہوا چاہتا ہے۔ حسبِ معمول کمرے کی روشنی گل کر دی گئی اور فلم چلنے لگی۔ ابتداء ہی سے اس کو یقین ہو گیا کہ اس بار وہ مار دھاڑ کی کہانی نہیں دھرائی جائے گی۔ اس لئے کہ دیوار پر بھی اسی کمرے کا منظر تھا جس میں وہ فی الحال بیٹھا ہوا تھا۔ کیپٹن سعید کی کرسی پر اکرم براجمان تھا اور اس کے سامنے چینی ناک نقشے کا حامل ایک منحنی سا نوجوان تھا۔ اکرم نے پوچھا۔ ’’قلندر سب خیریت تو ہے، کوئی پریشانی تو نہیں ہے۔‘‘
قلندر نے جواب دیا۔ ’’آپ لوگوں کی مہربانی ہے صاحب۔ ابھی تک تو سب خیریت ہی ہے۔‘‘
’’کیا مطلب؟ آگے کے بارے میں تمہیں کوئی اندیشہ لاحق ہے کیا؟‘‘
’’جی نہیں صاحب۔۔۔ ایسی تو کوئی بات میں نے نہیں کہی۔ یہ تو آپ کہہ رہے ہیں۔‘‘ قلندر بڑی صفائی سے اپنی کہی ہوئی بات سے مکر گیا۔ 
’’اچھا تو یہ بتاؤ کہ تمہارا نام کیا ہے؟‘‘
’’صاحب پیدائشی نام بتلاؤں یا پھر عرفیت؟‘‘
’’دونوں بتلا دو۔‘‘
’’جناب میرا پیدائشی نام تو سریندر ہے لیکن عرف عام میں مجھے قلندر یا مست قلندر کے نام سے جانا جاتا ہے۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو تم یہ سریندر سے قلندر کیسے بن گئے؟‘‘
’’جناب یہ ایک طویل داستان ہے۔ اس کے لئے آپ کو پہلے یہ جاننا پڑے گا کہ میں سریندر کیسے بنا؟‘‘
اکرم مسکرا کر بولا۔ ’’اچھا تو یہی بتا دو کہ تم سریندر کیسے بنے۔‘‘
’’صاحب۔۔۔ بات دراصل یہ ہے کہ جب میں پیدا ہوا تو ایسا بدصورت نہیں تھا جیسا کہ ابھی نظر آتا ہوں ، بلکہ نہایت خوبصورت تھا۔‘‘
’’اچھا! یہ تمہیں کیسے پتہ چلا؟ کیا تم آئینہ ہاتھ میں لے کر پیدا ہوئے تھے؟‘‘
’’جی نہیں جناب۔۔۔ اگر میں آئینہ ہاتھ میں لے کر بھی پیدا ہوتا تب بھی مجھے پتہ نہ چلتا کہ میں کس قدر خوبصورت ہوں۔ دراصل اس عمر میں کسے پتہ ہوتا ہے کہ خوبصورتی کسے کہتے ہیں اور بدصورتی کس بلا کا نام ہے؟‘‘
’’خیر! تجھے کیسے پتہ چلا؟ کوئی الہام تو نہیں ہوا تھا تجھ پر؟‘‘
’جی نہیں۔ مجھ جیسے گناہ گار بندے پر کیسا الہام و اکتشاف؟‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو تُو پیدائشی گناہ گار ہے۔۔۔ کیوں ؟‘‘
’’نہیں جناب! پیدائشی طور پر تو کوئی گناہ گار نہیں ہوتا۔۔۔ آپ بھی نہیں ؟‘‘
’’میں بھی نہیں ؟ کیا مطلب؟ میں تجھے کوئی مجرم دکھائی دیتا ہوں ؟‘‘
’’یہ میں نے نہیں کہا۔ یہ تو آپ کہہ رہے ہیں۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو کہہ بھی ڈال کہ تو سریندر کیسے بنا؟‘‘
’’جناب میں آپ کو بتلا ہی چکا ہوں کہ میں بہت خوبصورت تھا۔ اس لئے میرے ماں باپ نے سوچا کہ میرا نام سندر رکھ دیا جائے۔‘‘
’’لیکن تیرا نام تو سندر نہیں سریندر ہے؟‘‘
’’جی ہاں ! ان لوگوں نے بس سوچا ہی تھا کہ میں چیخ کر زور سے رو پڑا۔‘‘
’’تو اِس میں کون سی نئی بات ہے۔ سارے ہی بچے روتے ہیں ؟‘‘
’’آپ صحیح کہہ رہے ہیں۔ لیکن میرا رونا اس قدر سریلا تھا کہ انہوں نے میرے مجوزہ نام میں سریلا پن بھر دیا اور مجھے سندر کے بجائے سریندر کہہ کر پکارنے لگے۔‘‘
ا کر م اس منطق پر اپنی ہنسی نہیں روک سکا اور بولا۔ ’’اچھا تو سریلے سندر۔۔۔ اب یہ بتا کہ یہ قلندر کا کیا قصہ ہے؟‘‘
’’یہ اُس زمانے کی بات ہے جب میں اسکول میں غالباً چہارم جماعت کا طالبِ علم تھا۔‘‘
’’اچھا تو اس وقت تک تم سریندر ہی کے نام سے جانے جاتے تھے۔‘‘
قلندر کی زبان قینچی کی طرح چل رہی تھی۔ وہ بولا۔ ’’جی ہاں صاحب! اُس وقت بھی مجھے گانے کا بہت شوق تھا۔‘‘
’’کیا مطلب؟ اب بھی تم کوئی گوئیے ہو کیا؟‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ کوئی پیشہ ور گلوکار تو نہیں ، پھر بھی اچھا خاصہ گا لیتا ہوں۔ اگر آپ کہیں تو میں کچھ گا کر سناؤں۔‘‘
اکرم نے جھٹ سے کہا۔ ’’نہیں ! فی الحال اس کی ضرورت نہیں ہے۔ پھر کبھی تجھ سے استفادہ کریں گے۔‘‘
’’زہے نصیب صاحب۔۔۔ آپ کی ذرہ نوازی کا شکریہ۔‘‘
’’لیکن میں نے تمہیں تعریف و توصیف سے نوازا ہی کب ہے، جو تم شکریہ ادا کر رہے ہو؟ میں نے ابھی تمہارا گانا بھی نہیں سنا۔‘‘
’’وہی تو کہہ رہا ہوں صاحب کہ سنئے اور سر دھُنئے۔‘‘
’’جی نہیں۔ اس کی ضرورت نہیں۔ تم اپنی چوتھی جماعت کی کہانی سنا رہے تھے۔‘‘
’’اَرے صاحب۔۔۔ وہ کوئی فرضی کہانی نہیں ، صد فیصد سچ ہے۔‘‘
’’حیرت ہے تمہیں اُس عمر کی باتیں اِس طرح یاد ہیں۔ مجھے تو کچھ بھی یاد نہیں۔‘‘
’’وہ ایسا ہے جناب کہ بچپن ہی سے میری ماں مجھے ڈابر کا چیون پراش چٹایا کرتی تھی۔‘‘
’’یہ چیون پراش بیچ میں کہاں سے آگیا؟‘‘ اکرم بیزاری سے بولا۔ 
’’آپ ہی نے تو پوچھا کہ مجھے چوتھی جماعت کی باتیں کیسے یاد ہیں ؟ یہ چیون پراش دراصل یادداشت کو بڑھانے والا چورن ہے۔‘‘ صفدر کو قلندر کی باتوں میں مزہ آ رہا تھا۔ وہ بالکل جلیبی کی طرح لچھے دار، میٹھی، رس بھری باتیں کر رہا تھا۔ 
اکرم بولا۔ ’’چورن سے بھی کہیں یادداشت بڑھتی ہے؟ اس سے تو پیٹ صاف ہوتا ہے۔‘‘
’’صاحب آپ نے بالکل صحیح کہا۔۔۔ میری ماں بھی یہی کہتی تھی۔ یادداشت کے لئے پیٹ کا صاف ہونا بہت ضروری ہے۔ اگر پیٹ صاف نہ ہو تو گیس بن جاتی ہے، اور آپ تو جانتے ہی ہیں ہوا ہلکی ہوتی ہے۔ اس لئے اُوپر کو اُٹھتی ہے۔ اب پیٹ کے اندر سے اُٹھنے والی ہوا اُوپر اُٹھ کر جائے تو کہاں جائے۔۔۔ دماغ میں گھس جاتی ہے۔ اب آپ ہی بتائیں کہ اگر کسی کے دماغ میں ہوا بھری ہوئی ہو تو اس کی یادداشت کا کیا حال ہو گا؟ اس لئے میری ماں کہتی تھی کہ بیٹے ہمیشہ اپنے معدے کا خیال رکھو۔ اگر معدہ صحیح ہے تو سارا نظام ٹھیک ہے، ورنہ۔۔۔‘‘
اکرم نے تنگ آ کر بیچ میں ہی ٹوک دیا اور بولا۔ ’’قلندر تجھے یہاں حفظانِ صحت کا دَرس دینے کے لئے نہیں بلایا گیا ہے۔۔۔ سمجھا! جو پوچھا جاتا ہے، اس کا جواب دے، ورنہ چورن کے بجائے ڈنڈے سے تیرا دماغ درست کر دوں گا۔‘‘
’’دیکھئے جناب! میں نے شروع ہی میں کہا تھا کہ ابھی تک خیریت ہے۔ لگتا ہے میری خیریت جلد ہی رُخصت ہونے والی ہے۔‘‘
اکرم اپنی جگہ سے اُٹھا اور دروازے پر لٹکے ہوئے ہنٹر کو اُتار لایا۔ صفدر نے کمرے کے دروازے کی جانب دیکھا تو اب بھی ہنٹر وہاں اُسی طرح چمک رہا تھا۔ اس کی رگ و پئے میں جھرجھری پھیل گئی۔ چابک کو میز کے اُوپر رکھ کر اکرم بولا۔ ’’دیکھ قلندر! اب اگر تو نے اِدھر اُدھر بھاگنے کی کوشش کی، تو میری زبان نہیں ، چابک چلے گا۔۔۔ کیا سمجھا؟‘‘ صفدر کو قلندر پر رحم آ رہا تھا۔ اسے گزری ہوئی فلموں کے مناظر یاد آ رہے تھے۔ 
قلندر اپنی جگہ سے اُٹھا اور اکرم کی جانب پشت کر کے کھڑا ہو گیا۔ اپنی قمیص کو اس نے اوپر اُٹھا رکھا تھا۔ وہ بولا۔ ’’سرکار گستاخی معاف۔۔۔ آپ مالک ہیں۔ اگر کوئی غلطی ہوئی ہو تو میری پشت حاضر ہے۔ آپ بلا جھجک چابک کا استعمال کر سکتے ہیں۔‘‘ اکرم کو قلندر کی سعادت مندی پرہنسی آ گئی۔ وہ بولا ’’قلندر۔۔۔ میں تو تمہیں یوں ہی دھمکا رہا تھا۔ تم جیسے بھلے مانس کو کوئی بھلا زد و کوب کر سکتا ہے؟‘‘
’’ارے نہیں صاحب! پولیس والوں کا کیا بھروسہ؟ وہ لوگ تو کبھی بھی کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ اس لئے انسان کو ہر طرح کی صورتحال کے لئے تیار رہنا چاہئے۔‘‘
اکرم بالی ووڈ کی فلموں کا شوقین تھا۔ اس لئے وہ چابک ہاتھ میں اُٹھا کر بالکل فلمی انداز میں بولا۔ ’’اچھا تو اب ہو جا تیار۔۔۔‘‘ اور پھر ہنسنے لگا۔ ’’یار سچ بتاؤں۔۔۔ میں نے اس سے پہلے بہت سارے بول بچن سنے ہیں ، لیکن تجھ جیسا بطولے باز نہیں دیکھا۔‘‘ اکرم ٹھیٹھ ممبیا زبان پر اُتر آیا تھا۔ عقب سے کیپٹن سعید کی آواز آئی۔ ’’اکرم، تمہیں یہاں تفریح کے لئے نہیں بٹھایا گیا ہے۔ پچھلے ایک گھنٹے سے تم اپنے پہلے سوال کا جواب بھی نہیں جان سکے ہو۔ اگر اسی طرح چلتا رہا تو عمر تمام ہو جائے گی لیکن تفتیش ختم نہیں ہو گی۔‘‘
اکرم بولا۔ ’’جناب معاف کیجئے، میں ابھی اس کو ٹھیک کرتا ہوں۔‘‘ اور پھر قلندر کی جانب مڑ کر بولا۔ ’’دیکھو! تمہاری وجہ سے مجھے ڈانٹ کھانی پڑی۔ اب سیدھے سیدھے بتاؤ کہ یہ سریندر اور قلندر کا کیا چکر ہے؟ ورنہ۔۔۔‘‘ اُس نے چابک کی جانب اشارہ کیا۔ 
’’جی جناب۔۔۔ میں وہی تو آپ سے کہہ رہا تھا۔ جب میں چوتھی جماعت میں تھا اُس وقت ایک قوالی کا بہت چرچا تھا۔۔۔ ’’دنادن مست قلندر‘‘۔ میں اپنے آپ میں وہ قوالی گنگنایا کرتا تھا۔ ایک مرتبہ ہمارے موسیقی کے اُستاد سے کسی نے کہہ دیا۔ انہوں نے مجھے بلا کر مجھ سے قوالی سنی اور بہت خوش ہوئے۔ اسکول کے سالانہ جشن کے موقع پر میں نے وہ قوالی اِس قدر جھوم جھوم کر سنائی کہ اس کے بعد سارا اسکول مجھے مست قلندر کے نام سے پکارنے لگا۔ اس کے چند سال بعد میں نے ہولی کی رات اپنے محلے میں وہ قوالی سنائی۔ سارے لوگ بھنگ کے نشے میں مست تھے۔ میں نے بھی تھوڑی سی بھنگ پی رکھی تھی۔ اس روز میرے ساتھ سارا محلہ جھوم رہا تھا اور لوگوں کو اِس قدر مزہ آیا کہ لوگ بھول ہی گئے کہ میرا نام سریندر ہے۔ اب میں مست قلندر کے نام سے جانا جانے لگا۔ آہستہ آہستہ میں بھی بھول گیا کہ میرا نام سریندر ہے۔ ابھی حال یہ ہے کہ اگر کوئی سریندر کہے تو میں اِدھر اُدھر دیکھتا ہوں اور قلندر کہے تو لپک کر اس کی جانب متوجہ ہو جاتا ہوں۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو اتنی ذرا سی بات کہنے کے لئے تو نے اتنا وقت لگا دیا۔ اب یہ بتا کہ تو صفدر کو کیسے جانتا ہے؟‘‘
صفدر کے کان کھڑے ہو گئے؟
قلندر بولا۔ ’’میں نے ابھی ابھی آپ کو اپنے اسکول کا قصہ سنایا۔ دراصل بات یہ ہے کہ میرے جس ساتھی نے جا کر موسیقی کے اُستاد کو یہ بتلایا تھا کہ میں بہت اچھا گاتا ہوں ، وہ صفدر ہی تو تھا۔ وہ ہماری جماعت کے سب سے زیادہ ہونہار طلبا میں سے ایک تھا۔‘‘
قلندر صاف جھوٹ بول رہا تھا۔ صفدر سے رہا نہ گیا۔ وہ بولا۔ ’’جناب یہ سراسر جھوٹ بول رہا ہے۔‘‘
 کیپٹن سعید نے اسے خاموش رہنے کا اشارہ کیا اور بولا۔ ’’چپ کرو۔ سچ اور جھوٹ کا فیصلہ ہم تم نہیں ، عدالت کرے گی۔ تمہیں اپنی چوتھی جماعت کا حال یاد ہے؟ کیا تمہاری ماں نے بھی تمہیں۔۔۔‘‘
’’جی نہیں سر۔۔۔ میری ماں نے مجھے چیون پراش نہیں کھلایا۔ مگر یہ شخص مکارّی کر رہا ہے۔‘‘
 پردے پراکرم نے قلندر سے سوال کیا۔ ’’اچھا۔۔۔ تم دونوں کس اسکول میں پڑھتے تھے، یہ تو تمہیں یاد ہی ہو گا۔‘‘ صفدر نے سوچا، اب یہ پھنسا۔ لیکن وہ حیرت زدہ رہ گیا جب قلندر نے بغیر کسی توقف کے جواب دیا۔ ’’سینٹ میری کانونٹ اسکول، محلہ ٹینا مینا، ضلع سرائیکا۔ اگر آپ چاہیں تو میں سال بھی بتا سکتا ہوں۔ آپ تو جانتے ہیں میری ماں نے۔۔۔‘‘
’’جانتا ہوں بابا۔۔۔ چیون پراش کے بارے میں سب کچھ جانتا ہوں۔ کاش کہ میری ماں بھی مجھے۔۔۔‘‘
صفدر حیران تھا کہ قلندر کی ساری اطلاع صد فیصد صحیح تھی۔ سوائے وہ موسیقی کے اُستاد والی بات کے۔ اسے شک ہونے لگا تھا کہ ممکن ہے وہ بھی سچ ہو۔ اس کی اپنی جماعت میں کئی ہندو لڑکے پڑھتے تھے لیکن ان کے اندر سریند ریا قلندر نام کے کسی طالب علم کا نام اسے یاد نہیں تھا۔ سچ تو یہ ہے کہ اس زمانے کے سبھی ساتھیوں کے نام وہ بھول چکا تھا۔ 
اکرم نے کہا۔ ’’اچھا خیر۔۔۔ تمہاری بات مان لیتے ہیں۔ اب یہ بتاؤ کہ صفدر کا ٹکٹ تم نے کیوں بنوایا؟‘‘
’’دیکھئے جناب۔۔۔ آپ مجھے پھنسانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں نے صفدر کا ٹکٹ نہیں بنوایا۔‘‘ یہ سن کر صفدر نے چین کا سانس لیا۔ 
’’اچھا۔۔۔ تو پھر وہ ٹکٹ کس نے بنوایا؟‘‘
’’خود صفدر نے اور کس نے؟‘‘
’’تو تمہارا نام اور دستخط ایشین ٹراویل میں کیسے پہنچ گئے؟‘‘
’’وہ میں نے اپنا نام لکھا اور دستخط کئے! اس لئے۔ آپ اس طرح کے بچکانہ سوالات کیوں پوچھ رہے ہیں ؟‘‘
’’تم سے کسی نے سوال پر تبصرہ کرنے کے لئے نہیں کہا۔ چپ چاپ جواب دو۔۔۔ کیا سمجھے؟‘‘
’’تو کیا لکھ کر جواب دوں ؟‘‘
’’کیا مطلب؟ پھر بکواس شروع کر دی تم نے؟‘‘
’’جی نہیں صاحب۔۔۔ ابھی ابھی آپ نے جو دو احکامات دئیے ہیں ، اُن دونوں پر بیک وقت عمل درآمد نہیں ہو سکتا۔ یا تو میں چپ چاپ رہ سکتا ہوں یا جواب دے سکتا ہوں۔‘‘
اکرم مسکرایا اور بولا۔ ’’یہ بتاؤ کہ اگر تم نے ٹکٹ نہیں بنوایا تو وہاں دستخط کرنے کے لئے کیوں پہنچ گئے بھلا؟‘‘
’’ارے صاحب۔۔۔ میں اپنا گزشتہ تبصرہ دوہرائے بغیر صرف یہ کہوں گا کہ اگر آپ مجھ سے کہیں چونکہ آپ کسی ضروری کام میں مصروف ہیں ، اس لئے میں فلاں فلاں ایجنسی سے ٹکٹ لا کر آپ کے حوالے کر دوں تو کیا میں آپ کے حکم کے تعمیل نہیں کروں گا؟ بے شک کروں گا۔‘‘
صفدر چیخنے لگا۔ ’’یہ سازش ہے۔۔۔ یہ جھوٹ ہے۔۔۔ یہ شخص مجھے پھنسا رہا ہے۔۔۔ یہ میرے دشمن کا ایجنٹ ہے۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو کوئی تمہارا دشمن بھی ہے؟ ہمیں آج پتہ چلا۔ تو چلو اسی کا نام بتا دو؟‘‘
’’میں نہیں جانتا کہ میرا دشمن کون ہے؟ اور وہ کیا چاہتا ہے؟‘‘
’’تم یہ نہیں جانتے کہ تمہارا دشمن کون ہے؟ وہ کیا چاہتا ہے؟ تم یہ بھی نہیں جانتے کہ خضر حیات کا قتل کس نے کیا؟ تمہیں یہ بھی نہیں پتہ کہ تمہارا ٹکٹ کس نے بنایا؟ اور یہ قلندر جو تمہارا شجرۂ نسب تک جانتا ہے، اُسے بھی تم نہیں جانتے؟ صفدر۔۔۔ آخر تم جانتے کیا ہو ؟ بتاؤ کیا جانتے ہو تم؟ 
یہ تو تم مختلف فلموں میں دیکھ ہی چکے ہو کہ جو لوگ ہم سیحقائق چھپاتے ہیں ، ہم ان سے ساری باتیں کس طرح اُگلوا لیتے ہیں ،۔ اب ہم لوگ تمہیں انتخاب کی آزادی دیتے ہیں۔ اُن مختلف طریقوں میں سے جو تم نے فلموں میں دیکھ چکے ہو، جو بھی  تمہیں پسند ہو، اس کا انتخاب کر کے ہمیں بتا دو۔ اس معاملے میں تمہیں انتخاب کا مکمل  اختیار ہے۔ تم جو پسند کرو گے وہی ہو گا۔ ہم تمہاری رائے کا احترام کریں گے اور اسی طریقہ کا استعمال آئندہ سے تفتیش میں کیا جائے گا۔‘‘
صفدر کی آنکھوں کے سامنے ایک ایک کر کے بھیانک مناظر گھوم گئے؟ اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ آخر اس اختیارِ عمل کی آزادی کا کیا کرے۔ وہ بولا۔ ’’صاحب آپ یقین کریں۔ یہ شخص کذب بیان ہے، یہ سراسر جھوٹ بول رہا ہے۔ میں یہی جانتا ہوں اور اس کے سوا کچھ نہیں جانتا۔‘‘
کیپٹن سعید نے کہا۔ ’’دیکھو صفدر! میں تمہیں پہلے ہی بتلا چکا ہوں۔ قلندر ایک گواہ ہے۔ اس کے سچے یا جھوٹے ہونے کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ لیکن اتنا یاد رکھو کہ آج ہم نے آخری بار یہ سنا ہے کہ میں نہیں جانتا۔ اس کے بعد دوبارہ اس طرح کا بیان تمہیں مہنگا پڑے گا۔۔۔ بہت مہنگا۔ اس لئے کہ ہمارے صبر کی تمام حدیں ختم ہو چکی ہیں۔ میرا مطلب تمہاری سمجھ میں آگیا ہو گا؟ اب تم جا سکتے ہو۔ تمہارے پاس سوچنے کے لئے تین دن کا وقت ہے۔ خدا حافظ!‘‘


۱۶
زندگی زندگی

’’اب مجھے ڈاکٹر کی بات پر یقین ہونے لگا ہے۔‘‘ ثریا نے سمیہ سے کہا۔ 
’’کس بات کا؟‘‘
’’وہی کہ سکندر کی حالت میں مثبت تبدیلیاں واقع ہو رہی ہیں۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ وہ کیسے؟‘‘
’’کل صبح جب میں یہاں سے واپس جانے لگی تو مجھے اس کی پلکوں میں ہلکی سی جنبش نظر آئی۔ پہلے تو مجھے لگا کہ یہ میرا وہم ہے۔ اس لئے میں نے چھمیہ کو تلاش کیا اور اس سے پوچھا تو اس نے بھی اس بات کی تصدیق کی۔ بلکہ اس نے بتلایا کہ ایک دن سکندر نے اپنا ہاتھ اُٹھا کر سینے پر رکھ لیا تھا۔ یہ ایک غیر معمولی واقعہ تھا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی بے ساختہ حرکات کوما کے مریض سے غیر شعوری طور پر سرزد ہو جاتی ہیں۔ جس کا خود اُسے علم نہیں ہوتا۔ اس لئے نتائج کو اخذ کرنے میں جلدی نہیں کرنی چاہئے۔ یہ سن کر چھمیہ خاموش ہو گئی ورنہ سارا ہسپتال سر پر اُٹھا لیتی۔‘‘
’’تمہاری بات سچ ہے۔ اس کو سکندر سے بڑی اُنسیت ہو گئی ہے۔‘‘ سمیہ نے تائید کی۔ 
ہفتہ وار چھٹی کے دن سمیہ اور ثریا کی ملاقات اب ایک معمول بن گئی تھی۔ وہ لوگ صبح آٹھ بجے سکندر کے پاس ایک دوسرے سے ملتے تھے اور پھر کینٹین میں آ کر کچھ دیر چائے پر بات چیت ہوتی۔ اس کے بعد اپنے اپنے گھر روانہ ہو جاتے۔ وہ وقت ایسا تھا کہ شاذ و نادر ہی کوئی اور گاہک وہاں موجود ہوتا تھا۔ ان دونوں کے موضوعات کا محور عام طور پر سکندر اور صفدر ہوا کرتے تھے۔ ایک روز اسی طرح کی گفتگو میں وہ دونوں مصروف تھے کہ عقب سے آواز آئی۔۔۔ ’’السلام علیکم۔‘‘ دونوں نے پلٹ کر دیکھا تو سامنے پرویز کھڑا مسکرا رہا تھا۔ 
ثریا کے لئے یہ اجنبی شخصیت تھی۔ لیکن سمیہ فوراً پہچان گئی اور بولی۔ ’’وعلیکم السلام۔‘‘ فرمائیے پرویز صاحب! آپ کیسے ہیں ؟ یہاں ہسپتال میں ؟ خیریت تو ہے؟‘‘
’’جی ہاں۔ شکریہ! اتنے طویل عرصے کے بعد آپ نے فوراً پہچان لیا۔ زہے نصیب۔ سب خیریت ہے بلکہ کچھ زیادہ ہی خیریت ہے۔‘‘
ثریا کے لئے یہ انداز کچھ مختلف سا تھا۔ لیکن سمیہ نے بغیر حیرت کے سوال کیا۔ ’’بہت خوب۔ مجھے یہی اُمید تھی۔۔۔ اور فرمائیے حیا پروین کیسی ہیں ؟‘‘
’’وہ! وہ بھی بہت خوش ہے، بلکہ ان کی مسرت مجھ سے دو چھٹانک زیادہ ہی ہے۔‘‘
ثریا نے کہا۔ ’’آپ بیٹھیں ، کھڑے کیوں ہیں ؟ آپ چائے پسند کریں گے یا کافی؟‘‘
سمیہ بولی۔ ’’جی ہاں ! جی ہاں پرویز صاحب، آپ بیٹھیں۔ یہ میری سہیلی ثریا ہیں اور یہ خضر کے دوست پرویز صاحب ہیں۔‘‘
’’چائے، کافی، ٹھنڈا، کچھ بھی چل جائے گا۔ مقصد کینٹین میں بیٹھنا ہے تو اس کا حقِ نمک ادا کرنے کے لئے کچھ نہ کچھ پینا ہی ہو گا۔‘‘
ثریا نے محسوس کیا یہ شخص جو بھی ہے، باتیں بہت خوب کر لیتا ہے۔ ویٹر ایک اور چائے کا آرڈر لے کر جا چکا تھا۔ 
سمیہ بولی۔ ’’تو آپ حیا پروین کے بارے میں بتلا رہے تھے کہ وہ بہت خوش ہے۔ لیکن یہ تو بتلائیے کہ وہ ہے کہاں اور کیوں ہے اتنی خوش؟‘‘
’’حیا پروین اِسی ہسپتال کی پانچویں منزل پر اپنے وارڈ میں ہے۔‘‘
’’کیوں۔۔۔ ؟ خیریت؟ خدا نخواستہ کوئی حادثہ تو رونما نہیں ہو گیا؟‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ ایک خوشگوار حادثہ۔ بلکہ اُس حادثے کی اگلی کڑی جو آپ کے توسط سے دو سال قبل رونما ہوا تھا۔‘‘
سمیہ کی سمجھ میں یہ پہیلیاں نہیں آ رہی تھیں۔ اس بے وقوف کے لئے بیوی کا ہسپتال میں داخل ہونا بھی خوشگوار تھا۔ کہیں اسی نے اپنی بیوی کو ہسپتال میں پہنچانے کا اہتمام تو نہیں کر دیا جس طرح خود سمیہ نے خضر کو نہ صرف دوا خانہ بلکہ قبرستان پہنچا دیا تھا۔ لیکن ثریا سمجھ گئی۔ وہ بولی۔ ’’اوہو۔۔۔ اچھا تو آپ یہ کیوں نہیں کہتے کہ خوشخبری ہے۔ بھئی مبارک ہو۔۔۔ تب تو ہمیں چائے سے پہلے مٹھائی منگوانی چاہئے تھی۔‘‘
ثریا کا جواب سن کر سمیہ مزید اُلجھ گئی۔ وہ بولی۔ ’’ آپ لوگوں کی گفتگو میری سمجھ سے بالاتر ہے۔‘‘
’’شاید اس لئے کہ تمہیں نہیں پتہ اس ہسپتال کا زچہّ خانہ بھی پانچویں منزل پر ہے۔‘‘ ثریا نے جواب دیا۔ 
’’اوہو۔۔۔ میں سمجھ گئی! مبارک ہو پرویز صاحب۔۔۔ آپ کو اور پروین کو بہت بہت مبارک ہو۔ ویسے بڑی جلدی کی آپ لوگوں نے، ابھی پرسوں ہی تو آپ کا نکاح ہوا تھا۔‘‘
’’شاید آپ حیدرآباد کا پرسوں کہہ رہی ہیں۔ ورنہ حقیقت تو یہ ہے کہ نکاح کے بعد دو سال کا عرصہ ہمیں بہت طویل محسوس ہوا۔ ہمارے بس میں ہوتا تو۔۔۔‘‘ پرویز رُک گیا۔ 
’’جی پرویز صاحب۔۔۔ یہ قدرت کے فیصلے ہیں ، جو کسی کے اختیار میں نہیں ہوتے۔‘‘ یہ ثریا بول رہی تھی۔ ’’میں نے کہیں پڑھا تھا کہ روزِ ازل ہی اللہ خالقِ کائنات نے قیامت تک دنیا میں آنے والی ساری ذریتِ آدم سے خود اُنہیں کے نفس کی گواہی لی تھی اور پوچھا تھا کہ تمہارا رب کون ہے؟ سب نے ایک زبان ہو کر شہادت دی۔ اس کے بعد ساروں کو ایک تجوری میں بند کر دیا گیا اور ہر ایک پر اس کے دُنیا میں آنے اور واپس جانے کی تاریخ، وقت، مقام وغیرہ درج کر دئیے گئے۔ اس کے بعد سے اُس کے امر کی تعمیل کا آغاز ہو گیا جسے قرآنِ حکیم روح کہتا ہے اور پھر قیامت تک کے لئے یہ سلسلہ جاری کر دیا گیا۔‘‘
سمیہ اور پرویز دونوں ثریا کی تقریر سے حیرت زدہ تھے۔ پرویز بولا۔ ’’سمیہ! آپ کی سہیلی تو بڑی دانشور معلوم ہوتی ہیں۔ کیا عمدہ بات کہی آپ نے۔ میرا دل خوش ہو گیا۔‘‘
ثریا نے جواب دیا۔ ’’جناب! بات دراصل یہ ہے کہ آپ کا دل ویسے ہی خوش تھا اور اسی لئے یہ بات آپ کو اچھی لگی۔ ورنہ یہ تو ایک عام سی حقیقت ہے جس کو ہم سب جانتے ہیں۔‘‘
سمیہ نے تائید کرتے ہوئے کہا۔ ’’جانتے تو ہیں ، لیکن مانتے نہیں ہیں۔ سمیہ کو ایسا محسوس ہوا کہ گویا وہ خود اپنے بارے میں یہ بات کہہ رہی ہے۔ وہ خود اپنے آپ کے خلاف گواہی دے رہی ہے۔ وہ قدرت کے اس منصوبے میں دخل اندازی کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘
ثریا کہہ رہی تھی۔ ’’تم نے سچ کہا سمیہ۔ ہم جاننے کے باوجود مانتے نہیں ہیں ، جبکہ ہمارے ماننے یا نہ ماننے سے حقیقتِ حال پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔‘‘
چائے کی پیالیاں خالی ہو چکی تھیں۔ پرویز خالی خالی نظروں سے ان سہیلیوں کی باتیں سن رہا تھا۔ اس کی سمجھ میں کچھ نہیں آ رہا تھا۔ وہ بولا۔ ’’اگر اجازت ہو تو میں۔۔۔ ؟‘‘
’’جی نہیں۔ صرف آپ نہیں بلکہ ہم بھی چلیں گے۔ پروین اور آپ کے نونہال کو نہارنے کے لئے ہم آپ کے ساتھ چلیں گے۔ ویسے آپ نے بچے کا کیا نام رکھا ہے؟‘‘
ہم نے اس کا نام زندگی رکھا ہے۔‘‘
’’زندگی؟ یہ کیسا نام ہے۔ ہم نے کبھی ایسا نام نہیں سنا۔‘‘ ثریا نے سوال کیا۔ 
’’جی ہاں۔۔۔ اور آپ نے کبھی اس بچی کو بھی نہیں دیکھا۔ لیکن اب دیکھیں گی اور کبھی یہ نام نہیں سنا، اب سنیں گی۔‘‘
لیکن اس نادرِ روزگار نام رکھنے کی کوئی وجہ؟‘‘ سمیہ نے پوچھا۔ 
دراصل اس بچی کی آنکھوں سے زندگی کا نور پھوٹتا ہے۔ اسے دیکھنے کے بعد مجھے سب سے پہلے زندگی کا خیال آیا اور میں نے حیا پروین سے کہا کہ یہ ہماری زندگی ہے۔ حیا پروین نے تائید کی اور کہا یقیناً یہی ہماری زندگی کی پرواز ہے۔۔۔ اور اس طرح اتفاق رائے سے بلا ارادہ و منصوبہ بچی کا نام زندگی پڑ گیا۔‘‘
’’بہت دلچسپ۔‘‘ ثریا نے کہا۔ ’’آپ نے زندگی سے ملاقات کے تجسس میں مزید اضافہ کر دیا۔ چلئے زندگی سے ملتے ہیں۔‘‘
یہ قافلہ جب زچہ خانہ کے اندر پہنچا تو پروین نے مسکرا کر خیرمقدم کیا۔ اسے لگا کہ سمیہ خاص طور پر اس سے ملاقات کی غرض سے آئی ہے۔ اس احساس نے اس کے اندر مسرت کی لہر دوڑا دی۔ مبارک و سلامت کے بعد سمیہ بولی۔ ’’پروین تم تو ہمیں بھول ہی گئیں لیکن ہم تمہیں نہیں بھولے۔‘‘
پروین شرمسار ہو گئی اور بولی۔ ’’سمیہ، میں تمہیں کیسے بھول سکتی ہوں۔ میں  بے وجہ زندگی کے دن کاٹ رہی تھی، تم نے مجھے ایک مقصدِ زندگی سے ہمکنار کر دیا۔ میں اپنی زندگی سے مایوس ہو چکی تھی، تم نے مجھے جینے کا حوصلہ دیا اور پھر میں اُس میں اِس قدر کھو گئی کہ سب کچھ بھلا دیا۔ اپنے عظیم محسن سے بھی غافل ہو گئی۔ لیکن مجھے خوشی ہے کہ تم نے مجھے یاد رکھا۔ تم عظیم ہو سمیہ، تم واقعی بڑی عظمت والی ہو۔ تم نے میری غفلت کو نظر انداز کر دیا اور میری خوشی میں شریک ہو گئیں۔ سچ یہ ہے کہ آج میں بہت خوش ہوں۔‘‘ پروین کی آنکھوں میں تارے چمکنے لگے۔ 
’’اللہ رب العزت تمہیں اِسی طرح خوش رکھے اور تمہاری زندگی کو تمہاری آنکھوں کی ٹھنڈک بنائے۔‘‘ سمیہ نے بزرگ خواتین کی مانند دعا دی۔ 
پرویز اور پروین دونوں نے یک زبان ہو کر آمین کہا۔ 
سمیہ اور ثریا اپنی جگہ سے اُٹھ کر اس جھولے کی جانب بڑھیں جس میں زندگی تھی۔ زندگی اس وقت سکندر کی مانند سو رہی تھی۔ لیکن اس کے باوجود اس کی پلکوں کے نیچے سے زندگی کی کرنیں پھوٹ رہی تھیں۔ زندگی بالکل اسمِ با المسمّہ تھی۔ جب دونوں سہیلیاں اُسے دیکھنے کے بعد پروین کی جانب پلٹیں تو پیچھے سے رونے کی آواز آئی۔ یہ زندگی کی علامت تھی۔ بیداری کی علامت تھی جو بیک وقت میٹھی بھی تھی اور تلخ بھی۔ بالکل زندگی کی طرح۔ 
پروین بولی۔ ’’آپ لوگوں کا ملاقات کے بغیر لوٹ جانا شاید زندگی کو ناگوار گزرا۔۔۔ اسی لئے اس نے دوبارہ آواز دے کر بلا لیا۔‘‘
’’لیکن اس میں ہمارا کیا قصور۔۔۔ ؟ ہم تو اس کی جانب گئے تھے۔ اس نے خود ہی ہم سے آنکھیں موند لی تھیں۔‘‘ ثریا کہہ رہی تھی۔ 
پرویز نے جواب دیا۔ ’’اگر زندگی آنکھیں موند لے، تب بھی اس کی جانب سے نگاہیں نہیں پھیرتے۔ نہ جانے کب بیدار ہو جائے۔ اس لئے کہ میں نے کہیں سنا تھا، نیند کے دوران روح اپنے خالق کی جانب لوٹ جاتی ہے اور پھر وہ جن کو بیدار کرنے کا ارادہ کرتا ہے، ان کی ارواح کو دوبارہ اپنے اپنے جسم میں لوٹا دیتا ہے۔ کیوں ثریا بہن، میں نے غلط تو نہیں سنا؟‘‘
ثریا بولی۔ ’’جی نہیں۔۔۔ یہ بات صحیح ہے کہ نیند کے آنے اور ختم ہونے کا وقت بھی زندگی اور موت کی طرح طے ہے۔ کوئی بھی بشر اپنی مرضی سے نہ سو سکتا ہے اور نہ جاگ سکتا ہے۔ 
پروین کی سمجھ میں کچھ نہ آیا۔ لیکن سمیہ کو لگا کہ اس کے سکندر کی بات ہو رہی ہے۔ اس کے نیند کی مدت اور بیداری کے لمحے سے کوئی بھی واقف نہیں تھا، سوائے عالم الغیب اور حیّ القیوم کے۔ سمیہ نے زندگی کی پیشانی پر محبت کا بوسہ دیا اور ڈھیر ساری دُعاؤں کے ساتھ رُخصت طلب کی۔ پرویز اور پروین نے پھر ایک بار معذرت کی اور زندگی کے ساتھ سمیہ سے ملاقات کرنے کا وعدہ کیا، اس سمیہ کے ساتھ جو اپنی زندگی سے بھاگ رہی تھی، جسے موت کی طلب نے دیوانہ بنا رکھا تھا۔ 
لفٹ کے ذریعہ وہ دونوں نیچے پہنچے لیکن باہر نکلنے سے قبل سمیہ نے پھر ایک بار پانچویں منزل کا بٹن دبا دیا۔ ثریا حیرت سے اُسے دیکھ رہی تھی۔ چند لمحوں کے بعد وہ دونوں پھر ایک بار سکندر کے سامنے تھے۔ سمیہ اس کی پلکوں کو دیکھ رہی تھی، ان کا موازنہ زندگی سے کر رہی تھی۔ اسے محسوس ہو رہا تھا سکندر کی آنکھوں کے اندر سے بھی شعاعیں نمودار ہو رہی ہیں۔ وہ ان کی تمازت کو محسوس کر رہی تھی۔ اس کو ایسا لگا کہ ابھی یہ آنکھیں روشن ہو جائیں گی، یہ لب بول پڑیں گے، ان سے ’’امی امی‘‘ کی صدائیں پھوٹ پڑیں گی۔ یہ ہاتھ لپک کر اس کے دامن سے لپٹ جائیں گے۔ وہ اسے سینے سے لگا لے گی اور پھر۔۔۔ اور پھر کبھی بھی اسے اپنے سے جدا نہیں کرے گی! کبھی نہیں ! کبھی بھی نہیں۔ ثریا حیرت اور خاموشی کے ساتھ اس دلفریب منظر کو دیکھ رہی تھی۔ اس نے کئی بار سمیہ کو دیکھا تھا کہ وہ حسرت بھری نگاہوں سے سکندر کو نہارتی ہے۔ اس کی نظروں میں بلا کی محبت اور ممتا پائی جاتی ہے، لیکن آج ایک تبدیلی تھی۔ حسرت ویاس کی جگہ اُمید و حوصلہ نے لے لی تھی۔ یہ کس قدر خوشگوار انقلاب تھاجس نے سمیہ کی کایا پلٹ دی تھی۔ 
ثریا اس انقلاب سے بے حد خوش تھی۔ وہ بولی۔ ’’سمیہ! کافی تاخیر ہو چکی ہے۔ ایسا کرتے ہیں میرے گھر چلتے ہیں جو قریب ہی واقع ہے۔ بہت عرصہ ہوا ہم نے ساتھ میں کھانا نہیں کھایا اور مجھے تم سے ایک خاص بات اور بھی معلوم کرنی ہے۔‘‘
’’وہ کیا؟‘‘
’’وہ راز ہے۔۔۔ جسے میں گھر پہنچنے سے پہلے افشا نہیں کر سکتی۔‘‘
’’نہیں جانے دو۔۔۔ تم تکلف کر رہی ہو۔ کھانے کے انتظام میں تمہیں زحمت ہو گی۔ ہم اس دعوت کو پھر کسی موقع کے لئے اُٹھا رکھتے ہیں۔‘‘
’’جی نہیں۔ ایسا نہ ہو گا۔ ہم لوگ راستے میں کچھ کھانا بندھوا لیں گے اور پھر فریج میں جو کل کا بچا ہوا رکھا ہو گا، اس کے ساتھ ملا کر کھا لیں گے۔ واللہ میرے لئے یہ زحمت کی نہیں بلکہ سعادت کی بات ہو گی۔ مجھے افسوس ہے کہ اتنی مرتبہ میں نے تمہارے گھر پر کھانا کھایا لیکن کبھی بھی تمہیں اپنے گھر آنے کی دعوت نہیں دی۔‘‘ سمیہ بالآخر ثریا کے اصرار پر اس کے گھر چلنے کے لئے راضی ہو گئی۔ 
ثریا کی ازدواجی زندگی کی طرح اس کے گھر پر بھی قفل لگا ہوا تھا۔ سمیہ کو مہمان خانے میں بٹھا کر ثریا باورچی خانے میں چلی گئی اور سمیہ سوچنے لگی۔۔۔ ’’یہ پاگل لڑکی اس سونے سونے سے گھر میں تنہا کیسے رہ لیتی ہے؟‘‘
سمیہ کے اندر سے آواز آئی۔ ’’تو خود بھی تو اپنے گھر میں تنہا رہتی ہے۔‘‘ سمیہ خود کلامی کا شکار ہو گئی تھی۔ 
لیکن میرے اور اس کے جینے میں بڑا فرق ہے۔ وہ اپنے آپ سے کہہ رہی تھی۔ ’’میں تو موت کے انتظار میں دن گزار رہی ہوں۔‘‘
’’لیکن ثریا، اس کا موت سے کیا واسطہ؟‘‘
اس کے اندر سے پھر آواز آئی۔ ’’موت کا سب سے واسطہ ہے۔ ہر فردِ بشر موت کے انتظار میں زندگی گزارتا ہے۔ کوئی شعوری طور پر تو کوئی غیر شعوری طور پر!‘‘
’’ہر کوئی اپنی قضا کی جانب سرگرمِ سفر ہے۔ کوئی جانتے بوجھتے ہوئے اور کوئی انجانے میں !! اور زندگی کے اس سفر کی آخری منزل یکساں ہے۔ پھر چاہے سمیہ ہو ثریا ہو خضر ہویا صفدر !!‘‘
وہ سوچ رہی تھی۔ ’’یہ ہمارے درمیان ثریا کہاں سے آ گئی؟ اس کا یہاں کیا کام؟‘‘
اس کا اندرون پھر بول رہا تھا۔ خضر کے چلے جانے کے بعد ثریا ہی تو تھی جو اس کی زندگی میں سائے کی طرح داخل ہو گئی تھی۔ جہاں سمیہ ہے وہاں ثریا ہے۔ جہاں سکندر ہے وہاں ثریا ہے۔ جہاں صفدر ہے وہاں ثریا ہے اور جہاں زندگی ہے وہاں بھی ثریا موجود ہے۔ گویا جہاں دیکھو وہاں ثریا ہے۔ وہ کون سا جہان ہے جہاں ثریا نہیں ہے؟ ثریا کہاں کہاں نہیں ہے؟
ثریا نے کمرے میں داخل ہوتے ہوئے سمیہ کے لب پڑھ لئے اور بولی۔ ’’یہ کیا ثریا ثریا کی رٹ لگا رکھی ہے؟‘‘
’’کچھ نہیں ثریا! میں تو اس راز کے بارے میں سوچ رہی تھی جو تم نے مجھ سے چھپایا تھا۔‘‘ سمیہ نے موضوع بدلنے کی غرض سے جھوٹ کہا۔ 
ثریا بولی۔ ’’اس راز کے بارے میں میں کھانے کے بعد بات کروں گی۔ آؤ۔۔۔ کھانا کھاؤ۔‘‘
کھانے کے دوران بھی سمیہ تذبذب میں مبتلا تھی کہ ثریا اس سے نہ جانے کیا بات کرنا چاہتی تھی اور اگر وہ کچھ کہنا بھی چاہتی تھی تو اُسے چھپا کیوں رہی تھی؟ ممکن ہے وہ سکندر کے متعلق اس کے جذبات سے واقف ہو گئی تھی۔۔۔ یا ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ وہ خضر حیات کے بارے میں کوئی بات کرنا چاہتی ہو؟ ان دونوں کے علاوہ ایک اور فرد جو اس کی وجہ سے آزمائشوں میں گرفتار تھا، وہ صفدر تھا؟ وقت کے ساتھ سمیہ کو صفدر پر رحم آنے لگا تھا؟ وہ بیچارہ بلاوجہ نا کر دہ گناہوں کی سزا پا رہا تھا اور دیکھتے دیکھتے موت کے شکنجے میں جکڑتا جا رہا تھا۔ سمیہ کو اس بابت ایک طرح کا احساسِ جرم ستانے لگا تھا۔ اس موضوع کو وہ کسی صورت چھیڑنا نہیں چاہتی تھی۔ اس پر وہ نہ تو کچھ سوچنا چاہتی تھی اور نہ ہی بولنا چاہتی تھی۔ 
ثریا کو خود اس راز کے بارے میں بات کرتے ہوئے شرم محسوس ہو رہی تھی۔ اسے ڈر تھا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ سمیہ اس کی بات کا غلط مطلب سمجھ لے اور یہ سوچنے لگے کہ وہ خود اپنے بارے میں اس سے کسی قسم کا تعاون چاہتی ہے۔ لیکن ان تمام خدشات کے باوجود تجسس اس قدر تھا کہ وہ اپنے آپ کو روک نہیں پا رہی تھی۔ 
کھانے سے فارغ ہونے کے بعد سمیہ نے کہا۔ ’’وہ بات جو تم پوچھنا چاہتی تھیں۔۔۔ کیا اُس پر سے ابھی پردہ اُٹھے گا یا ہنوز انتظار کرنا ہو گا؟‘‘
’’میں تم سے اپنے اُس شوق کے بارے میں پوچھنا چاہتی تھی، جس کا انکشاف پرویز نے کیا اور یہ جاننا چاہتی تھی کہ تم نے پرویز اور پروین کا جوڑا کیسے ملایا؟‘‘
’’بڑے دلچسپ سوالات تم نے پوچھ لئے اور اِن کا جواب خاصہ تفصیل طلب ہے۔ اس لئے میں تمہیں آئندہ ہفتہ اپنے گھر آنے کی دعوت دیتی ہوں۔ ہم لوگ ہسپتال سے فارغ ہو کر میرے گھر جائیں گے۔ میں وہاں تمہیں پرویز اور پروین کی کہانی بھی سناؤں گی اور ہم لوگ کھانا بھی ساتھ کھائیں گے۔‘‘
’’لیکن اگر ظفر کو ہم پر شک ہو گیا تو۔۔۔ ؟‘‘
’’گولی مارو اس ظفر کے بچے کو۔۔۔ اس طرح ہم کب تک اس کے خوف سے گھٹ گھٹ کر زندگی گزاریں گے۔‘‘
سمیہ نے ثریا سے اجازت لی اور اپنے گھر کی جانب چل پڑی۔ 


۱۷
اعترافِ جرم


عدالت کا بازار حسبِ معمول سجا ہوا تھا۔ وکیل جلول جلال کو یقین تھا کہ آج اس کا مؤکل عدالت سے رہا ہو جائے گا۔ قلندر نام کے کسی گواہ کو پولیس عدالت میں حاضر نہیں کر سکے گی اور ساری کہانی ٹائیں ٹائیں فش ہو جائے گی۔ ایک مرتبہ صفدر باہر آ جائے تو وہ سمیہ کو اسے مقدمہ میں پھنسانے کے الزام کے تحت گواہی کے لئے بلوائے گا۔ سمیہ اُس کے طے شدہ سوالات کے رٹے رٹائے جوابات دے گی اور اپنے جرم کا اعتراف کر لے گی۔ اس طرح اُسے پھانسی کی سزا ہو جائے گی اور ہمیشہ کی طرح پھر ایک بار وکیل جلول جلال کا اقبال بلند ہو جائے گا۔ اس نئی صورتحال کو دیکھ کر  ظفر اقبال کے ہاتھ سے طوطے اڑ جائیں گے۔ 
اس کے بر عکس ملزم کے کٹہرے میں بنچ پر سر جھکائے بیٹھا صفدر کچھ اور ہی سوچ رہا تھا۔ قلندر کی فلم نے صفدر کا چین و سکون چھین لیا تھا۔ فلم کے پردے پر قلندر جس ڈھٹائی سے جھوٹ بول رہا تھا، اس یقین کے ساتھ سچ بولنا بھی صفدر کے لئے ممکن نہیں تھا۔ اسے یقین تھا کہ قلندر کے ہر جھوٹ کو عدالت تسلیم کر لے گی اور صفدر کو کاذب قرار دے دیا جائے گا۔ اس کے بعد پولیس کا کام صرف یہ رہ جائے گا کہ کسی طرح صفدر سے اس کے جرم کا اعتراف کروا لیا جائے۔ پولیس والے جرم کا اعتراف کروانے کے لئے جو حربے استعمال کرتے ہیں ، اس کو ہر تین دن پر صفدر پردۂ سیمیں پر دیکھتا رہا تھا۔ اس کو یقین تھا کہ اس کے ساتھ جو سلوک کیا جائے گا، اُسے بھی اگلے وقتوں کے لئے کیمرے کی آنکھ سیمحفوظ کر لیا جائے گا، تاکہ بعد میں آنے والوں کو ڈرانے دھمکانے کے کام آئے۔ اس تصوّر سے صفدر کے بدن کانپنے لگتا تھا۔ وہ کبھی کبھی یہ بھی سوچتا کہ اگر یہی کچھ ہونا ہے تو تعذیب و تشدّد کے بعد کیوں ؟ اس سوال پر آ کر اس کی سوئی رُک جاتی تھی۔ اس لئے کہ اس کے آگے اندھیرا ہی اندھیرا تھا۔ اس کو آگے کچھ بھی نظر نہ آتا تھا یا جو کچھ دکھائی دیتا تھا وہ اسے دیکھنا نہ چاہتا تھا۔ شاید اسی لئے اس مقام پر آ کر وہ اپنی آنکھیں بند کر لیتا تھا۔ آگے کے مناظر ہر دن نہ جانے کتنی بار صفدر چشمِ تصوّر میں جھانک کر دیکھا کرتا تھا۔ تمام مناظر یکساں نوعیت کے ہوتے تھے، سوائے زد و کوب کا انداز جو ہر بار بدل جاتا تھا۔ کبھی کوئی سا منظر یاد آتا تو کبھی کوئی اور دکھائی دینے لگتا۔۔۔ ؟ لیکن ہر انجام اسے لرزہ بر اندام کرنے کے لئے کافی ہوتا تھا۔ 
وکیل جلول جلال نے اپنی پیروی کا آغاز کرتے ہوئے کہا۔ ’’عزت مآب جج صاحب۔۔۔ مجھے افسوس ہے کہکسی خیالی قلندر نے میرے مؤکل کا ایک جعلی ٹکٹ  بنا دیا اور اس مفروضے کو بنیاد بنا کر میرے مؤکل صفدر کو دوبارہ قید و بند کی صعوبتیں اُٹھانی پڑیں۔ لیکن مجھے یقین ہے کہ محکمہ پولیس کو ایسے کسی شخص کا سراغ نہ مل سکا ہو گا۔ اس بیچ میرے ہاتھ کئی ایسے سراغ لگے ہیں جن کی مدد سے اصلی مجرم تک پہنچا جا سکتا ہے۔ لیکن اس سے پہلے کہ مقدمہ اس مرحلے میں داخل ہو، میں پھر ایک مر تبہ عدالت سے مؤدبانہ درخواست کرتا ہوں کہ وہ صفدر کی درخواستِ ضمانت کو منظور فرمائے۔‘‘
ظفر اقبال نے اپنی بات کہنے کی اجازت طلب کی اور بولا۔ ’’میرا خیال ہے کہ فاضل وکیل صاحب بڑی خوش فہمیوں کا شکار ہیں اور انہیں ہمارے پولیس محکمہ کی صلاحیتوں کا علم نہیں ہے۔ میں عدالت سے درخواست کروں گا کہ وہ کسی نتیجے پر پہنچنے سے قبل تھانیدار کے دفتر سے معلوم کرے کہ قلندر کے حوالے سے کیا پیش رفت ہوئی ہے؟‘‘
’’بے شک۔۔۔ !‘‘ وکیل جلول جلال نے کہا۔ ’’میں ظفر کی اس تجویز کی تائید کرتا ہوں۔‘‘
اکرم کو گواہی کے لئے آتا ہوا دیکھ کر صفدر سمجھ گیا کہ اب کیا ہونے والا ہے۔ اکرم نے عدالت کو بتلایا کہ وہ لوگ قلندر کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں اور اس کا اقبالیہ بیان حاصل کر لیا گیا ہے، قلندر کے بیان  کا اندراج اور فلم دونوں موجود ہیں۔ کیمرے کے سامنے اس کا بیان اس لئے لیا گیا تاکہ وہ عدالت میں اپنا بیان بدلنے کی کوشش نہ کرے۔ قلندر باہر پولس کی گاڑی میں موجود ہے اس لئے اگر عدالت چاہے تو اُسے جرح کے لئے بھی حاضر کیا جا سکتا ہے۔ 
یہ انکشاف وکیل جلول جلال کے لئے حیرت انگیز تھا۔ اس نے ایک دن قبل بھی اپنے مخصوص ذرائع سے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی تھی کہ قلندر کا کیا بنا اور اُسے بتلایا گیا تھا کہ قلندر نام کا کوئی شخص پولیس کے ہاتھ نہیں آیا۔ لیکن یہ کیا؟ آج تو پولیس والے عدالت کے اندر ایک ایسا راگ الاپ رہے تھے جس کے لئے وہ بالکل بھی تیار نہیں تھا۔ وکیل جلول جلال کا اعتماد نہ صرف اپنے ذرائع پر سے۔۔۔ بلکہ اپنے آپ پر سے اُٹھنے لگا تھا۔ 
عدالت نے قلندر کو حاضر کرنے کا حکم دیا اور دو حوالدار ایک نقاب پوش کے ساتھ، عدالت کے دروازے سے داخل ہو گئے۔ صفدر سمجھ گیا کہ اس نقاب کے پیچھے کون ہے اور آگے کیا ہونے والا ہے۔ اس نقاب کے اندر چھپا ہوا فرد تو وکیل جلول جلال کا بھی باپ تھا۔ اس کے آگے یہ سارے وکیل اور پولیس والے پانی بھرتے تھے۔ اس لئے اس سے پہلے کہ عدالت کی کارروائی آگے بڑھتی، صفدر اپنی جگہ پر کھڑا ہوا اور چیخ چیخ کر کہنے لگا۔ ’’جج صاحب! میں اپنے جرم کا اعتراف کرتا ہوں !۔۔۔ مجھے پھانسی پر چڑھا دیجئے۔۔۔ میں نے اپنے دوست خضر حیات کا قتل کیا ہے۔۔۔ !‘‘
صفدر ہذیانی کیفیت میں مبتلا ہو گیا تھا۔ وہ گلا پھاڑ پھاڑ کر چیخ رہا تھا۔ 
’’میں قاتل ہوں۔۔۔ ! میں قاتل ہوں۔۔۔ !! میں قاتل ہوں۔۔۔ !!!‘‘
اور اسی کے ساتھ پسینے سے شرابور صفدر اپنی جگہ پر گرا اور بے ہوش ہو گیا۔ 
اس صورتحال کے لئے وکیل جلول جلال تو کیا، خود ظفر بھی تیار نہ تھا۔ جج صاحب اور وہاں موجود دیگر عدالتی عملہ حیرت سے یہ سب دیکھ رہا تھا۔ اکرم جو بالکل   قریب کھڑا تھا، آگے بڑھا اور تھر تھر کانپتے صفدر کا ہاتھ اور سینہ سہلانے لگا۔ جج نے فوراً اسٹریچر منگوانے کا حکم دیا اور چند منٹوں کے اندر صفدر کو ایمبولنس کے ذریعہ ہسپتال روانہ کر دیا گیا۔ عدالت کی کارروائی ایک گھنٹے کے لئے ملتوی کر دی گئی۔ جج صاحب اپنے کمرے میں چلے گئے، لیکن ان کے علاوہ کسی نے بھی اپنی جگہ سے ذرہ برابر جنبش نہیں کی۔ سارے لوگوں کو سانپ سونگھ گیا تھا۔ کیپٹن سعید کے لئے یہ ایک ناقابلِ یقین حادثہ تھا، جس کی اُسے ہرگز توقع نہیں تھی۔ وہ سوچ رہا تھا، اگر صفدر کا حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال ہو جاتا ہے تو اس کا قاتل کوئی اور نہیں بلکہ وہ خود ہو گا۔ آج پہلی بار اسے لگا تھا کہ صفدر، جسے وہ خضر کا قاتل سمجھتا تھا، معصوم ہے۔ وہ بیچارہ اس کے ذریعہ اپنائے گئے حربوں کے سبب ہیبت زدہ ہو گیا ہے۔ سعید کو اپنے آپ پر غصّہ آ رہا تھا۔ اس کا جی چاہ رہا تھا کہ عدالت سے نکل کر سیدھا ہسپتال جائے۔ لیکن، ایسا کرنا اس کے لئے ممکن و مناسب نہیں تھا۔ سعید نے پہلی مرتبہ اپنی وردی کے باعث اپنے آپ کو مجبور و بے بس پایا تھا۔ سعید نے فون پر اکرم سے رابطہ قائم کیا جو صفدر کے ساتھ گیا تھا۔ ’’کیا حال ہے صفدر کا؟‘‘
’’جناب۔۔۔ دو پولیس والے اس پر نگرانی کر رہے ہیں۔ ہسپتال میں پولیس کا بیان درج کر لیا گیا ہے۔ تمام صورتحال قابو کے اندر ہے۔ کوئی غیرپسندیدہ واقعہ رونما نہیں ہوا ہے۔‘‘
سعید کو اکرم پر بھی غصہ آگیا۔ جس کے اندر سے انسانی ہمدردی غائب ہو گئی تھی اور اسے لگا اکرم کی جگہ کوئی فوجداری حیوان بول رہا تھا۔ 
سعید نے پوچھا۔ ’’میں نے تم سے صفدر کے بارے میں پوچھا تھا کہ وہ کیسا ہے ؟ اور تم کچھ اور ہی بکواس کرنے لگے۔‘‘
’’معاف کیجئے سر! اُسے ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر حضرات اس کا معائنہ کر رہے ہیں۔ مجھے تو لگتا ہے، اس کا کام تمام ہو گیا۔‘‘
’’کام تمام۔۔۔ ! کیا مطلب؟‘‘
مطلب کہ شاید اس کے دماغ کی نس پھٹ گئی یا کم از کم اس کا دماغ تو یقیناً خراب ہو گیا ہے؟‘‘
’’مجھے تو لگتا ہے کہ تمہارا دماغ خراب ہو گیا ہے۔ تم اوٹ پٹانگ قیاس کرنے کے بجائے ڈاکٹر سے بات کر کے اس کی کیفیت معلوم کرو اور مجھے فوراً فون سے بتاؤ۔۔۔ کیا سمجھے؟‘‘
’’جی جناب۔۔۔ سمجھ گیا۔ میں ابھی آپ کو فون کرتا ہوں۔‘‘ فون بند ہو گیا۔ 
اس دوران سب سے زیادہ حیرانی و پریشانی ثریا اور سمیہ کو تھی۔ ان دونوں کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ آخر یہ سب کیا ہو رہا ہے اور کیوں ہو رہا ہے؟ صفدر کو اچانک یہ دورہ کیسے پڑ گیا اور اب، جبکہ وہ ببانگِ دہل  اعتراف کر چکا ہے، اس مقدمے کا کیا بنے گا؟ ثریا اپنی جگہ سے اٹھی اور وکیل جلول جلال کے مخصوص کمرے کی جانب چل پڑی۔ وکیل جلول جلال اپنی کرسی پر سر پکڑ کر بیٹھا ہوا تھا۔ اس نے جیسے ہی ثریا کو دیکھا، وہ برس پڑا۔ ’’میری سمجھ میں نہیں آتا کہ میں کن لوگوں میں پھنس گیا ہوں ؟‘‘
ثریا یہ سن کر آپے سے باہر ہو گئی۔ وہ بولی۔ ’’کیا؟۔۔۔ یہ آپ کیا کہہ رہے ہیں وکیل صاحب؟ یہ تو آپ ہی کا منصوبہ تھا کہ سمیہ صفدر کے خلاف مقدمہ درج کروائے۔۔۔ اور ہم لوگوں نے وہی کیا جو آپ نے کہا۔ بلکہ آپ وہ نہ کر سکے جس کا وعدہ آپ نے کیا تھا۔ آپ نے کہا تھا کہ صفدر کی ضمانت ہو جائے گی، لیکن ایک بار نہیں بلکہ دو بار اس کی ضمانت مسترد ہو گئی۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ ! چوری اور اس پر سینہ زوری۔۔۔ آپ لوگ میری کوئی بات مانتے بھی ہیں ؟ یہ میں نے کہا تھا کہ چپ چاپ ٹکٹ بنا کر سنگاپور فرار ہونے کا منصوبہ بنایا جائے؟ اور اس منصوبے کو صیغۂ راز میں رکھا جائے؟ دفتر سے پاسپورٹ حاصل کیا جائے اور مجھے نہ بتایا جائے؟ اپنے دوست قلندر سے ٹکٹ منگوایا جائے اور اس کو بھی مجھ سے چھپایا جائے؟ آپ لوگوں کو اگر اپنی من مانی ہی کرنی ہے تو مجھے رُسوا کرنے کے لئے اپنا وکیل کیوں بنایا؟ میں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ میں اپنا وکالت نامہ واپس لے کر اس مقدمے سے الگ ہو جاؤں گا۔‘‘
’’دیکھئے جناب۔۔۔ آپ یہ کیوں نہیں کہتے کہ ظفر اقبال سے آپ ڈر گئے ہیں ؟ اس نے آپ کے سارے منصوبے کو ملیامیٹ کر دیا ہے اور آپ خوف کے مارے میدان چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔‘‘ ثریا نے وکیل جلول جلال کی دُکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا تھا۔ 
وہ پھر چیخنے لگا۔ ’’کون ظفر۔۔۔ اس جیسے لونڈے میں نے بہت دیکھے ہیں۔ میری رُسوائی کا اصلی سبب وہ نہیں ، میرا اپنا مؤکل ہے۔ اس پاگل نے مجھے بتائے بغیر عدالت میں علی الاعلان اعتراف کر لیا۔ اب بھلا میں کر بھی کیا سکتا ہوں ؟ مجھے تو لگتا ہے کہ اگر آپ جیسے پاگلوں کے ساتھ کام کرتا رہا تو میں بھی جلد ہی پاگل خانے میں پہنچ جاؤں گا۔‘‘ 
ثریا بولی۔ ’’آپ نے کیا کہا؟ آپ پاگل ہو جائیں گے اور صفدر پاگل ہو گیا ہے؟ اگر صفدر پاگل ہو گیا ہے تو کیا عدالت اُسے سزا دے سکتی ہے؟‘‘
وکیل جلول جلال اس سوال پر چونک پڑا۔ اس کے دماغ میں بجلی سی کوند گئی۔ ’’عدالت! عدالت کسی پاگل کو سزا نہیں دے سکتی۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو کیا آپ اپنے پاگل مؤکل کو سزا سے نہیں بچا سکتے؟‘‘
’’جی! جی ہاں۔۔۔ بچا سکتا ہوں !! یقیناً بچا سکتا ہوں۔ بی بی ثریا میں اپنے غصے کے لئے معذرت چاہتا ہوں۔ میں بھی ایک انسان ہوں۔ آپ جائیں اور مجھے تیاری کا موقع دیں۔ میں اپنی بھرپور کوشش کروں گا کہ صفدر کو کسی نہ کسی طرح سزا سے بچاؤں۔ آپ کا شکریہ۔‘‘ جلول جلال کی گتھی سلجھ چکی تھی۔ ثریا اُمید کا ایک ننھا سا دیا اپنے دامن میں چھپائے واپس آ کر اپنی نشست پر بیٹھ گئی تھی۔ اس کے پیچھے سمیہ بھی ظفر سے ملاقات کر کے واپس آ گئی اور ثریا کے پاس ہی بیٹھ گئی۔ ثریا نے آہستہ سے پوچھا۔ ’’اب ظفر کیا کہتا ہے؟‘‘
سمیہ نے جواب دیا۔ ’’وہ وحشی خونخوار درندہ ہے۔‘‘
اس بیچ اکرم نے فون کر کے سعید کو صفدر کی حالت سے واقف کرا دیا۔ 
ایک گھنٹے کے بعد جب عدالت کا کام دوبارہ شروع ہوا تو وکیل جلول جلال نے صفدر کی پیروی کرتے ہوئے کہا۔ ’’غالباً میرے مؤکل کو حراست میں زد و کوب کیا گیا ہے۔ اس لئے خوف کی حالت میں اس نے اعترافِ جرم کر لیا۔ یہ اعتراف دراصل احتجاج ہے۔ اس لئے ا سے اعتراف کے زمرے میں نہ ڈالا جائے۔‘‘
ظفر اقبال نے اعتراف اور احتجاج کی دلیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا۔ ’’وہ اعتراف تھا یا احتجاج، اس کا خلاصہ تو صفدر ہی کر سکتا ہے، اس کا وکیل نہیں کر سکتا۔ نیز ہو سکتا ہے صفدر نہیں جانتا ہو لیکن میں سمجھتا ہوں کہ میرے فاضل وکیل دوست کو پتہ ہو گا کہ عدالت میں اعتراف یا اعتراض تو ہو سکتا ہے لیکن احتجاج نہیں ہو سکتا۔ یہ احتجاج و نعرے بازی کی جگہ نہیں ہے۔‘‘ یہ کہہ کر ظفر نے چاروں جانب فاتحانہ نظر دوڑائی لیکن کہیں سے اُسے دادِ تحسین نہیں مل سکی۔ سارے لوگوں کی ہمدردیاں صفدر کے ساتھ ہو گئی تھیں۔ 
ظفر اقبال نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا۔ ’’میں عدالت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ پولیس محکمے سے یہ دریافت کرے کہ صفدر کو زد و کوب کیا گیا تھا یا نہیں ؟‘‘
اس الزام کی تصدیق و تردید کے لئے سعید کو گواہ کی حیثیت سے آنا پڑا۔ 
ظفر نے پوچھا۔ ’’کیا آپ وکیل جلول جلال کے اس الزام کو تسلیم کرتے ہیں ؟‘‘
سعید نے جواب دیا۔ ’’جناب ہم لوگ ہر دوسرے دن صفدر کی طبی جانچ کرواتے رہے ہیں اور آج صبح بھی یہ جانچ ہوئی ہے۔ جس کی رپورٹ ابھی ابھی موصول ہوئی۔ اس رپورٹ کے مطابق اس کے جسم پر ایک کھرونچ کا نشان تک نہیں پایا جاتا۔‘‘ سعید نے طبی رپورٹوں کی فائل عدالت کے حوالے کر دی۔ 
وکیل جلول جلال نے اپنا دفاع جاری رکھتے ہوئے کہا۔ ’’جسمانی تکلیف سے شدید وہ نفسیاتی اذیّت ہوتی ہے، جس کا احاطہ طبی جانچ سے ممکن نہیں ہے۔ میرا مؤکل اپنا دماغی توازن کھو چکا ہے، اس لئے ایسی حالت میں اس کے کسی بیان کو تسلیم نہ کیا جائے اور اس کے علاج کا بندو بست کروایا جائے، اور جب تک وہ صحت یاب نہ ہو جائے، اس کے بارے میں کسی نتیجے پر پہنچنے سے احتراز کیا جائے۔‘‘ وکیل جلول جلال نے ان تمام دفعات کا حوالہ پیش کیا جن کی رو سے عالمِ دیوانگی کو سزا سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا۔ 
ظفر نے جواباً عرض کیا۔ ’’میرے خیال میں ملزم اپنے آپ کو سزا سے بچانے کی خاطر اداکاری کر رہا ہے۔ اس لئے عدالت اس کے فریب میں آنے کے بجائے اس کے بیان کو تسلیم کرتے ہوئے اسے قرار واقعی سزا دے۔‘‘
وکیل جلول جلال بولا۔ ’’صفدر واقعی مریض ہے یا اداکاری کر رہا ہے، اس کا فیصلہ وکیلِ موصوف خود کرنے کے بجائے ماہرینِ طب سے رجوع فرمائیں یا ان امور کی اطلاع حاصل کرنے کے لئے محکمہ پولیس سے رجوع کریں تو بہتر ہو گا۔‘‘
عدالت نے پولیس سے وضاحت طلب کی۔ سعید نے بتلایا کہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق صفدر کی دماغی حالت درست نہیں ہے، وہ کسی کو شناخت بھی نہیں کر پا رہا ہے۔‘‘
ظفر بولا۔ ’’اگر صفدر پاگل بھی ہو گیا ہے تو ممکن ہے اس نے اعتراف کے بعد نتائج کے خوف سے دماغی توازن کھو دیا ہو۔ اس لئے عدالت کو چاہئے کہ اس کا اعتراف تسلیم کرے۔‘‘
وکیل جلول جلال نے ظفر کی دلیل کو کاٹتے ہوئے کہا۔ ’’کسی بھی اعتراف کو بغیر جرح کے تسلیم یا مسترد نہیں کیا جا سکتا اور اگر عدالت اس بیان کو مان بھی لے تب بھی وہ کسی پاگل کو سزا دینے کی مجاز نہیں ہے۔ اس لئے اس معاملے میں جلد بازی نہ کی جائے۔ ابھی تک صفدر کے خلاف ایک الزام سامنے آیا ہے اور اس کے فرار کی کوشش کے چند ثبوت پیش کئے گئے ہیں ، جن کی تصدیق ہنوز باقی ہے۔ لیکن اس قتل کی کوئی معقول وجہ عدالت کے سامنے نہیں آئی ہے اور دُنیا میں کوئی قتل کی واردات بلا کسی ٹھوس وجہ کے نہیں ہوتی۔ اس لئے اس وجہ کا پتہ لگانا نہایت ضروری ہے جو قتل کا اصل محرک ہے۔ ایسا کرنے سے وہ سازش بھی عیاں ہو جائے گی جس میں میرے مؤکل کو پھنسایا گیا ہے۔‘‘
وکیل جلول جلال کے دلائل بہت وزنی تھے۔ اس لئے ظفر اقبال کو محسوس ہوا کہ وہ ایک جیتی ہوئی بازی ہار رہا ہے۔ وہ بولا۔ ’’میں فاضل وکیل کی اس تجویز کی تائید کرتا ہوں کہ صفدر کے صحت یاب ہونے تک اسے زحمت نہ دی جائے۔ مگر اس سازش کا پتہ لگانے کی خاطر، جو اس قتل کے پیچھے کارفرما رہی ہے، مقدمہ موقوف نہ کیا جائے بلکہ اسے جاری رکھا جائے۔‘‘
جج صاحب نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے وکیل جلول جلال کے سارے دلائل کو تسلیم کر لیا اور صفدر کے اعتراف کو مسترد کر دیا۔ یہ سن کر ثریا اور سمیہ کے ساتھ ساتھ سعید نے بھی سکون کا سانس لیا۔ لیکن یہ بھی کہا کہ صفدر کو زحمت دئیے بغیر مقدمہ کو جاری رکھا جائے گا۔ نیز محکمۂ پولیس کو ہدایت کی کہ وہ قلندر کو اپنی حراست میں رکھے اور اس کے ذریعہ اگر ممکن ہو تو قتل کے محرّک کا پتہ لگائے۔ 
وکیل جلول جلال نے اس مقدمے کے دوران پہلی مرتبہ کامیابی کا مزہ چکھا تھا۔ یہ اور بات ہے کہ اس کامیابی کا کریڈٹ ثریا کو جاتا تھا۔ ظفر کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں پہلی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا، اس لئے وہ تلملا اُٹھا تھا۔ لیکن اس کا ابلیسی دماغ کسی مایوسی کا شکار نہیں ہوا تھا۔ اس نے فوراً اپنا اگلا پانسہ پھینکتے ہوئے عدالت سے درخواست کر دی کہ قلندر کی پیروی کے لئے بھی سرکاری وکیل کی خدمات اسی کے سپرد کی جائیں۔ اس لئے کہ قلندر بھی صفدر کے خلاف  ہے۔ گویا بالواسطہ طور پر اس کے مؤکل کے حق میں گواہ ہے۔ اس سے عدالت کا وقت اور سرمایہ، دونوں بچے گا۔ کسی نے اس کی تجویز پر اعتراض نہیں کیا اور عدالت نے ظفر کی درخواست کو منظور کر لیا۔ 
اس سارے ہنگامے کے دوران صفدر ہسپتال کے کمرے میں تنہا اپنے ماضی کے زخموں کو سہلا رہا تھا۔ ایسے زخم جن کو بیٹھے بٹھائے مول لینے کا فیصلہ خود اس نے کیا تھا۔ ایک معمولی سی خراش اس طرح ناسور بن جائے گی، اس کا اندازہ کسی کو بھی نہیں تھا۔ نہ جلول جلال کو، نہ سمیہ کو، نہ ثریا کو اور نہ خود اس کو۔۔۔ 


۱۸

پروین و پرویز


 ثریا اس روز ڈھیر ساری مٹھائی لے کر ہسپتال آئی تھی۔ ظفر کی یکے بعد دیگرے کامیابی صفدر کی مشکلات میں اضافہ کر رہی تھیں۔ لیکن وکیل جلول جلال نے گزشتہ معرکہ فتح کر کے اُمید کا چراغ روشن کر دیا تھا اور حسنِ اتفاق ایسا کہ وارڈ کے دروازے ہی پر اُس کی ملاقات سمیہ اور چھمیہ سے ہو گئی۔ 
’’لو وہ آ گئی! سکندر کی اصلی ماں۔ اچھا آپ لوگ ہمیشہ تنہا تنہا کیوں آتی ہو؟ ساتھ ساتھ کیوں نہیں آتیں ؟‘‘ چھمیہ نے اپنے خاص انداز میں اِٹھلاتے ہوئے سوال کیا۔ 
سمیہ نے مسکرا کر جواب دیا۔ ’’چھمیہ بیگم! آپ کتنے برسوں سے زچہّ خانے میں کام کرتی ہیں ؟‘‘
’’اس سوال کا میرے سوال سے کیا تعلق؟ یہ ساتھ اس قدر پرانا ہے کہ میں نے برسوں کا حساب رکھنا بھی چھوڑ دیا۔ اس لئے بھی کہ اس سے لوگوں کو میری عمر کا اندازہ لگانے میں مدد ملتی ہے۔ اور تم تو جانتی ہی ہو۔۔۔‘‘
’’میں جانتی ہوں کہ خواتین بلا وجہ اپنی عمر کو چھپاتی ہیں۔ اس کی وجہ سے مردوں کا ہم پر سے اس بابت اعتماد اُٹھ گیا ہے اور وہ ہماری بتائی گئی تعداد میں من مانا اضافہ کر لیتے ہیں ، جس سے ہمارا فائدہ کم نقصان زیادہ ہوتا ہے۔۔۔ اور پھر عمر سے کیا فرق پڑتا ہے؟ زیادہ ہے تو ہوا کرے۔۔۔ اپنی بلا سے۔‘‘
چھمیہ بولی۔ ’’سمیہ بی بی! آپ نے میرے سوال کو بڑی صفائی سے گول کر دیا۔ لیکن میں آسانی سے بھولنے والوں میں سے نہیں ہوں۔‘‘
’’اوہو۔۔۔ میں تو سمجھی تھی کہ تمہیں میرے سوال میں اپنا جواب مل گیا۔ کیا اس وارڈ میں آنے والا ہر نووارد اکیلا اکیلا نہیں آتا؟ دُنیا کا نظام ہی تنہا آنے اور جانے کا ہے۔‘‘
ثریا حیرت سے سمیہ کو دیکھ رہی تھی۔ وہ بہت اچھے موڈ میں تھی۔ 
چھمیہ بولی۔ ’’خیر چھوڑو! میں بھی کن فضولیات میں لگ گئی۔ دراصل آپ لوگوں کے لئے خوشخبری ہے۔ کل ڈاکٹروں نے بتلایا کہ سکندر کی حالت میں خاصہ سدھار آیا ہے۔ اس کے اندر سوئے ہوئے اعضا بیدار ہونے لگے ہیں۔ ممکن ہے جلد ہی وہ اپنی اس کوما کی حالت سے باہر آ جائے۔‘‘ 
ثریا اس بات کو سن کر باغ باغ ہو گئی۔ اس نے اپنے پرس کے اندر سے پانچ سو روپئے کا ایک نوٹ نکالا اور چھمیہ کو تھما دیا۔ 
چھمیہ بولی۔ ’’یہ کیا؟ اس کی کیا ضرورت؟‘‘
’’تمہارے منہ میں گھی شکر، ہم چاہتے ہیں کہ تم ہر مرتبہ اس طرح کی خوشخبری ہمیں سنایا کرو۔‘‘
چھمیہ بولی۔ ’’لیکن میں۔۔۔ ! میں تو چاہتی ہوں کہ بس ایک ہی ایسی خوشخبری سناؤں کہ اس کے بعد تمام خبریں بے معنیٰ ہو جائیں۔‘‘  اس کی آنکھوں کے تارے سمیہ اور ثریا کی آنکھوں میں اُتر گئے۔ ساری آنکھیں پر نم تھیں۔ یہ خوشی کے آنسو تھے۔ اُس خوشی کے جس کا انتظار ان سب کو تھا۔ 
ثریا بولی۔ ’’کاش کہ اس طرح کی خوشخبری صفدر کے حوالے سے بھی جلد ہی موصول ہو۔‘‘ اور مٹھائی کے ڈبے سے مٹھائی کھول کر چھمیہ اور سمیہ کو پیش کر دی۔ لیکن سمیہ کو یہ مٹھائی کڑوی محسوس ہوئی۔ شاید اس لئے کہ صفدر کی رہائی سمیہ کی ہلاکت سے منسلک تھی اور سکندر کی بہتری نے سمیہ کے اندر موت کا خوف پیدا کر دیا تھا۔ لیکن سمیہ نے اس احساس کو اپنے اندر دفن کر دیا اور مٹھائی کو نگل گئی۔ 
وہ تینوں سکندر کے قریب آئے تو بظاہر اس کی حالت پہلے جیسی ہی تھی، لیکن چھمیہ کی خبر نے ان کا نقطہ نظر بدل دیا تھا۔ اب ان کو سکندر خاصہ بدلا ہوا دکھائی دے رہا تھا۔ 
اس روز سکندر سے ملاقات کے بعد ان لوگوں نے کینٹین کا رُخ کرنے کے بجائے حسبِ منصوبہ سمیہ کے گھر کا رخ کیا۔ راستے بھر ان کا موضوع صرف اور صرف سکندر تھا۔ چھمیہ نے گویا ان کے وجود کو بادِ صرصر کی خوشبوسے معطر کر دیا تھا۔ 
گھر آنے کے بعد سب سے پہلے چائے کا دَور چلا اور اسی بیچ طے شدہ گفتگو کا سلسلہ بھی چل پڑا۔ سمیہ خوش خوش بول رہی تھی۔ پرویز کی پرواز ایک نہایت حسین منزل پروین تک جا پہنچے گی، اس کا علم کسی کو بھی نہیں تھا۔ نہ پروین کو، نہ پرویز کو اور نہ مجھے۔ 
خضر حیات اس بات سے واقف تھے کہ خالی اوقات میں وقت گزاری کی خاطر میں رشتے ملانے کا کام کرتی ہوں۔ دراصل کالج کے بعد مجھے ایک خیراتی ادارے ’’نسبت‘‘ میں کچھ عرصہ کام کرنے کا موقع ملا تھا جو ہمارے محلہ کی نہایت مقبول و معروف خاتون بیگم زہرہ رضوی کے زیرِ نگرانی چلتا تھا۔ دراصل وہ کئی خیراتی ادارے مثلاً اسکول، مفت دوا خانہ، سلائی کڑھائی کی کلاسس، کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ وغیرہ چلاتی تھیں۔ محلہ کی مختلف تقریبات دکھائی دیتی تھیں۔ اس موقع پر ان کی خوب تعریف و توصیف بھی ہوتی تھی۔ مجھے ادارہ جاتی سیاست کا علم نہیں تھا، اس لئے میں ساری باتوں پر یقین کر لیا کرتی تھی۔ اس طرح زہرہ بیگم گویا ہمارے لئے ایک مثالی خاتون تھیں اور ان کے کسی ادارے میں کام کرنا ہم نوجوان لڑکیوں کے لیے ایک سعادت کی بات تھی۔ کچھ عرصہ نسبت میں کام کرنے کے بعد ملازمت کی غرض سے مجھے قطر آنا پڑا اور یہاں آنے کے بعد خود میری نسبت خضر کے ساتھ طے ہو گئی اور میں نے ملازمت کو خیرباد کہہ کر گھر سنبھال لیا۔ لیکن آگے چل کر مجھے احساس ہوا کہ اگر میں اپنے پرانے مشغلے کو جاری کر دوں تو خضر کو کوئی اعتراض نہ ہو گا اور میرے ذوق کی تسکین بھی ہو جائے گی۔ جدید ذرائع ابلاغ مثلاً انٹر نیٹ، ای۔ میل، فیس بک اور ٹیلیفون نے نسبت جیسے کسی ادارے کی ضرورت سے مجھے بے نیاز کر دیا تھا۔ سچ تو یہ ہے کہ ابتدا ہی میں ملنے والی کامیابیوں نے میرا حوصلہ کافی بڑھا دیا تھا۔ خضر حیات کی نظروں میں میرا مقام کسی نہ کسی حد تک اُونچا ہو گیا تھا اور وہ بھی مجھ سے اس معاملے میں تعاون کرنے لگے تھے۔ اس بیچ ایک دن انہوں نے مجھے بتلایا کہ انہوں نے اپنے ایک دیرینہ دوست پرویز کو کھانے پر مدعو کیا ہے۔ میں نے حسبِ معمول سارا اہتمام کر دیا۔ 
کھانے کے دوران خضر نے پہلے تو میرے مشغلے کا تعارف خضر سے کرایا، اور پھر مجھ سے بولے۔ ’’ سمیہ تم تو دیکھ ہی رہی ہوکہپرویز باغ و بہار شخصیت کا مالک ہے۔ لیکن وہ شادی کے مسئلہ کو لے کر پریشان ہے۔ اگر تم اس معاملے میں پرویز کی مدد کر سکو تو یہ واقعی بڑی کامیابی ہو گی۔‘‘
میں نے تو سوچاکہ شاید پرویز کی جوان لڑکی کا مسئلہ ہو گا۔ اس لئے میں نے دفعتاً سوال کیا۔ ’’عمر کیا ہے؟‘‘
خضر نے جواب دیا۔ ’’اب اس سوال کا جواب تمہیں دو پرویز۔‘‘
پرویز بولا۔ ’’میری عمر ۴۶ سال ہے۔‘‘
’’میں آپ کی نہیں۔۔۔‘‘
پرویز نے مسکرا کر جواب دیا۔ ’’اب اس عمر میں عمر کی کیا اہمیت۴۰؍ سے ۵۰؍ کے درمیان چل جائے گی۔‘‘
میری سمجھ میں کچھ نہیں آ رہا تھا، اس لئے میں چائے لانے کے بہانے سے باورچی خانے میں چلی گئی اور وہاں خضر کو بلا کر پوچھا۔ ’’یہ تمہارا دوست کیسی بہکی بہکی سی باتیں کرتا ہے۔‘‘
خضر نے نہایت سنجیدگی سے جواب دیا۔ ’’ اس نے کون سی بے جا بات کی؟‘‘
’’میں نے اس کی بیٹی کی عمر دریافت کی تو وہ اپنی عمر بتلانے لگا اور جب میں وضاحت کرنے جا رہی تھی تو میری بات کاٹ کر۔۔۔‘‘
خضر نے بھی میری بات کاٹ دی اور بولے۔ ’’وہ تو اچھا ہی ہوا جو اس نے تمہیں بیچ ہی میں ٹوک دیا ورنہ غضب ہو جاتا۔ تم اس سے کس کی عمر پوچھ رہی تھیں ؟‘‘
’’اُن کی بیٹی کی اور کس کی۔۔۔ جس کا وہ نکاح کروانا چاہتے ہیں۔‘‘
’’یہ تم سے کس نے کہہ دیا کہ وہ اپنی لڑکی کا نکاح کروانا چاہتا ہے؟‘‘
’’آپ نے اور کس نے!‘‘
’’میں نے۔۔۔ ؟‘‘ میں نے کب کہا؟ آج تمہارا دماغ چل گیا ہے غالباً۔‘‘
’’اچھا! تو آپ نے یہ نہیں کہا کہ اِن کا مسئلہ حل کر دو۔ عام طور پر لڑکے کی شادی کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔ اس لئے میں سمجھ گئی کہ لڑکی کا مسئلہ ہو گا۔ آپ کیا سمجھتے ہیں۔۔۔  اس میدان میں مجھے اچھا خاصہ تجربہ ہو گیا ہے؟‘‘
خضر نے ہنس کر جواب دیا۔ ’’کبھی کبھار انسان کا تجربہ بھی اس کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔ اری بھاگوان۔۔۔ ابھی اس کی اپنی شادی ہی نہیں ہوئی تو اس کے لڑکے لڑکیوں کی شادی کا سوال کہاں سے پیدا ہو گیا؟ تم ایسا کرو کہ یہ رشتے ناطوں کا کاروبار چھوڑ کر اُمورِ خانہ داری کی جانب توجہ دو۔ شاید یہی تمہارے لئے بہتر ہے۔‘‘
یہ کہہ کر خضر مہمان خانے میں چلے گئے۔ ان کے الفاظ میں تمسخر بھی تھا اور چیلنج بھی۔ میں نے چیلنج کو قبول کر لیا اور تہیہ کر لیا کہ چاہے جو ہو جائے، اس ادھیڑ شخص کا رشتہ ضرور لگا کر دِکھاؤں گی تاکہ خضر کو بھی پتہ چل جائے کہ میں بھی کچھ ہوں۔ تم تو جانتی ہی ہو کہ شادی کے بعد ابتدائی دور میں دونوں ازواج ایک دوسرے کو متاثر کرنے کی فکر میں لگے رہتے ہیں۔ یہی کیفیت ہماری بھی تھی۔‘‘
ثریا بڑی دلچسپی کے ساتھ اس الف لیلیٰ کی داستان کو سن رہی تھی۔ اسے اس کہانی میں مزہ آنے لگا تھا۔ اس لئے بھی کہ عرصۂ دراز کے بعد خضر حیات کا ذکر بار بار ہو رہا تھا اور اس کی شخصیت پھر ایک بار ثریا کی آنکھوں میں اُبھر آئی تھی۔ 
’’چائے لاتے ہوئے میں نے ارادہ کر لیا تھا کہ پہلے پرویز سے متعلق مکمل معلومات حاصل کروں گی، اس کے بعد ہی بات کو آگے بڑھاؤں گی۔ درمیان میں خضر نے مجھے یاد بھی دلایا کہ ’’سمیہ دیکھو! یہ پرویز میرا کالج کے زمانے سے دوست ہے، اس لئے تم اس کے متعلق جو بھی ضروری معلومات حاصل کرنا چاہو، بلا تکلف حاصل کرو، تاکہ تمہیں اپنے کام میں آسانی ہو۔‘‘ لیکن میں نے خضر کی تجویز کو اچھے انداز میں ٹال دیا، اس لئے کہ میرے ذہن میں جو سب سے اہم سوال تھا، وہ یہ کہ آخر اس کی شادی ابھی تک کیوں نہیں ہوئی؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ درمیان میں بات بگڑ گئی؟ ان سوالات کو براہِ راست پوچھ کر میں پرویز کی دل آزاری نہیں کرنا چاہتی تھی۔ 
پرویز کے چلے جانے کے بعد میں نے خضر سے دریافت کیا کہ پرویز نے ابھی تک شادی ہی نہیں کی یا۔۔۔ ؟
خضر درمیان میں بول پڑا۔ ’’جی ہاں بیگم صاحبہ! میرا یہ دوست ابھی تک بالکل کنوارہ ہے جیساکہ میں آپ سے شادی کرنے سے پہلے تھا۔ آزاد پنچھی‘’
’’لیکن اس کی اور آپ کی عمر میں کافی فرق ہے، آپ لوگ کالج میں ایک ساتھ کیسے ہو گئے؟‘‘
بات یہ ہے کہ میں تو مسلسل تعلیم حاصل کرتا ہوا ماسٹرس تک پہنچ گیا، لیکن پرویز نے بیچلرز کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد ملازمت کر لی اور دس سال ملازمت کرنے کے بعد اُسے دوبارہ تعلیم حاصل کرنے کا شوق چرّایا۔ سو وہ دو سال کی تعلیمی تعطیلات لے کر کالج میں آگیا۔ لیکن وہ اس قدر باغ و بہار شخصیت کا مالک تھا کہ کبھی عمر کا فرق محسوس ہی نہ ہوا۔ کھیل کا میدان ہو یا اسٹیج کی تقریبات، وہ ہر جگہ پیش پیش ہوتا۔ پکنک کے انتظامات میں سب سے آگے اور امتحانات کے نتائج میں کوئی اس سے آگے نہ جا پاتا تھا۔ پرویز گویا ہماری جماعت کا ہیرو تھا ہیرو۔‘‘
’’وہ سب تو ٹھیک ہے لیکن آپ لوگوں کا یہ ہیرو ازدواجی میدان میں کیسے زیرو رہ گیا؟‘‘ میں نے سوال کیا۔ 
’’میں یقین کے ساتھ تو نہیں کہہ سکتا لیکن شاید اس کا لا اُبالی طرز زندگی اس کے پاؤں کی زنجیر بن گیا۔ پرویز کے اندر بے شمار خوبیاں ہیں ، لیکن کچھ خرابیاں بھی ہیں۔ ویسے وہ اس کا مزاج ہے جسے خرابی کہنا شاید مناسب بھی نہ ہو۔‘‘
’’آپ اپنے دوست کا خوب دفاع کرتے ہیں۔ شاید مجھ سے بھی زیادہ؟‘‘
’’سمیہ، تمہاری شخصیت کسی دفاع کی محتاج نہیں ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ مجھے تمہارا دفاع کرنے کی کبھی ضرورت ہی پیش نہیں آئی کیوں کہ۔۔۔‘‘
’’مجھے پتہ ہے کہ میں کیسی ہوں۔۔۔ باتیں بنانے کا فن تو کوئی آپ سے سیکھے۔‘‘
’’سمیہ! میں سچ بتاؤں۔ اس فن میں تو میں پرویز کے سامنے پانی بھرتا ہوں۔ اس کا معاملہ تو یہ ہے کہ جب وہ ساتھ ہوتا ہے تو وہی بولتا ہے، باقی تمام لوگ صرف سنتے ہیں اور اس کا بولنا کسی پر گراں نہیں گزرتا۔ وقت کو گویا پر لگ جاتے ہیں اور جب وہ بچھڑتا ہے تو ایک تشنگی اپنے پیچھے چھوڑ جاتا ہے۔ دل کرتا ہے اس سے بار بار ملاقات ہو۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ ایک بات بتاؤ۔۔۔ پرویز اگر لڑکی ہوتا تو تم مجھ سے شادی کرتے یا اُس سے؟‘‘ میں نے ایک اَٹ پٹا سا سوال پہلی بلکہ آخری بار خضر سے کر دیا تھا۔ 
وہ کچھ دیر سوچ میں پڑ گیا اور پھر بولا۔ ’’اگر وہ لڑکی ہوتا تو میرا انتظار تھوڑے ہی کرتا۔ کوئی نہ کوئی مجھ سے قبل اس کے ہاتھ پیلے کر چکا ہوتا۔‘‘
’’میں آپ کا جواب سمجھ گئی۔ آپ مجھ پر اُسے ترجیح دیتے؟‘‘ میں نے رُوٹھتے ہوئے کہا۔ 
’’نہیں سمیہ۔۔۔ یہ بات میں نے کب کہی؟ میں تو یہ کہہ رہا ہوں کہ اگر میں اس کے سامنے تجویز رکھتا بھی تو وہ اسے کیوں کر قبول کرتا؟ اس کے لئے تو مجھ سے بہتر بے شمار رشتے موجود ہوتے۔‘‘
’’میں آپ کی یہ بات نہیں مانتی۔ اگر یہ بات صحیح ہوتی تو ابھی تک کنوارہ نہ ہوتا۔‘‘
’’سمیہ! تم اس بات کو اس قدر طول کیوں دے رہی ہو؟ اگر اُس کے لئے کچھ کر سکتی ہو تو کرو، ورنہ بھول جاؤ۔ جب اُس کے مقدر کا جوڑا اُسے ملے گا تو وہ شادی کر لے گا، ورنہ یوں ہی رہ جائے گا۔ اس دنیا میں نہ جانے کتنے پرویز مجرّد پرواز کر رہے ہیں ، اُن میں ایک اور سہی۔۔۔ کیا فرق پڑتا ہے؟‘‘
میں منہ بنا کر بولی۔ ’’آپ تو ناراض ہو گئے۔ میرا یہ مطلب نہیں تھا۔ دراصل پرویز کے پاس دھن دولت، تعلیم، شخصیت سب کچھ ہے۔۔۔ اس کے باوجود بھی چونکہ وہ شادی نہ کر سکا، اس کے پیچھے کوئی نہ کوئی ٹھوس وجہ ضرور ہی ہو گی جس کا پتہ لگائے بغیر یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔ اسی لئے میں یہ غیر ضروری سے سوالات کر رہی تھی۔ لیکن بات کہیں اور نکل گئی۔‘‘
’’سمیہ! تمہاری  بات میں دم ہے۔ یہ میری غلطی ہے جو میں تمہیں۔۔۔‘‘
خضر رُک گیا اور میں نے جملہ پورا کیا۔ ’’احمقِ اعظم سمجھتا تھا۔‘‘
’’جی نہیں ! اعظم تو نہیں۔۔۔‘‘ خضر نے جواب دیا
میں بول پڑی۔ ’’احمق ضرور ہی سمجھتا تھا۔‘‘
خضر نے کہا۔ ’’سمیہ ہماری بات شروع تو پرویز سے ہوتی ہے، لیکن گھوم کر ایک دوسرے تک پہنچ جاتی ہے۔ اس لئے بات کو آگے بڑھانے کے لئے ضروری ہے کہ ہم ایک دُوسرے سے فی الحال صرفِ نظر کریں۔‘‘
’’یہ مشکل ضرور ہے لیکن کوشش کرتے ہیں۔ میرے خیال میں پرویز کی شادی کے نہ ہونے کی وجوہات مادّی نہیں ، بلکہ نفسیاتی ہیں۔ اس لئے نفسیاتی پہلو کی جانب توجہ دینا چاہیئے؟‘‘میں بولی۔ 
’’تمہارا خیال درست ہے۔ وہ بشمول اپنی زندگی کیکسی بھی شہ کو بہت زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیتا،۔ کسی چیز کی فکر نہیں کرتا بشمول اپنی شادی کے، کسی کی پرواہ نہیں کرتا بشمول اپنی تنہائی کے۔۔۔ وہ ہر حال میں مست رہنے والا آدمی ہے۔ ہاں ایک بات اور ہے۔۔۔ وہ ذرا سا جلد باز ہے۔ بہت جلد کسی بھی بات سے اُوب جاتا ہے اور نتائج کی پرواہ کئے بغیر اقدام کر گزرتا ہے۔ میرا یہ دوست نہ صرف عجیب و غریب  بلکہ سیماب صفت طبیعت کا حامل ہے!‘‘
’’میں سمجھ گئی۔ عام طور پر جس طرح سے نکاح کی خاطر تفتیش کی جاتی ہے، پرویز اس کی تاب نہیں لا سکتا۔۔۔ اور اگر اس کو ان صبر آزما مراحل سے گزارا جائے تو وہ درمیان ہی میں بھاگ کھڑا ہوتا ہے۔‘‘ میں نے پرویز کا ای۔ میل  خضر سے حاصل کیا اور اس کو میل کر کے گزارش کی کہ وہ اپنے بارے میں جو بھی مناسب سمجھتا ہے، لکھ بھیجے۔ نیز اس کی توقعات کے بارے میں بھی اگر کوئی اہم بات ہو تو اس سے آگاہ کر دے۔ سمیہ نے اُس کو فیس بک پر آنے کی بھی دعوت دے ڈالی۔ 
پرویز کا جواب چند سطور تک محدود تھا۔ توقعات کے بارے میں اس نے ایک حرف بھی نہیں لکھا تھا۔ فیس بک پر اس کی کئی تصاویر موجود تھیں۔ 
اَب میں نے اپنے اگلے مرحلے کا آغاز کیا۔ اپنے ڈاٹا بنک میں ساری لڑکیوں کو پرویز کی نظر سے دیکھنے کی کوشش کی، لیکن کوئی بھی نہیں جچی۔ جن رشتے ناطوں کی ویب سائٹ سے میں استفادہ کیا کرتی تھی، اَب میں اُنہیں کھنگالنے لگی تھی۔ مجھے پتہ تھا پرویز دو سے تین متبادل تک نہیں پہنچے گا، اس لئے میں زیادہ طبع آزمائی سے گریز کر رہی تھی۔ ہفتہ بھر کی تحقیق و تفتیش کے بعد میں نے چار رشتوں کا انتخاب کیا اور پھر ان میں سے بھی دو کو از خود ردّ کر دیا۔ اب جو دو خواتین باقی بچیں ، اُن میں سے ایک نہایت اَمیر طلاق شدہ خاتون تھی، جس کی عمر صرف ۳۲؍ سال تھی، اور دوسری پروین ۴۲؍ سال کی تھی۔ لیکن ان دونوں کا مزاج بالکل ہی پرویز سے میل کھاتا تھا۔ میں نے ان دونوں کو پرویز کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا اور قسمت کا کرنا یوں ہوا کہ دونوں نے اپنی اوّلین رضامندی کا اظہار کر دیا اور مزید تفصیل کے بعد فیصلہ کرنے کی بات کہی۔ اس ہوم ورک کے بعد میں نے پرویز سے رابطہ قائم کیا اور اسے ساری صورتحال سے آگاہ کر دیا۔ پرویز نے پہلے مرحلے میں پروین کے ساتھ بات آگے بڑھائی اور نتیجہ یہ ہوا کہ دو ماہ بعد وہ دونوں رشتۂ ازدواج میں بندھ چکے تھے۔ پروین، جس نے مجرّد زندگی گزارنے کا سوچا سمجھا فیصلہ کر لیا تھا اور اپنے گھر والوں کو اس بات پر راضی کر چکی تھی کہ وہ اس کے لیے کوئی رشتہ تلاش کرنے کی زحمت نہ کریں ، چٹ منگنی اور پٹ شادی کے لئے تیار ہو گئی۔ ان دونوں کی جوڑی بھی کیا جوڑی تھی۔ گویا دونوں بنے ہی ایک دوسرے کے لئے تھے۔ ان کو دیکھ کر محسوس ہی نہ ہوتا تھا کہ وہ نو بیاہتا تھے یا اُن کی عمر کیا تھی۔ شادی بڑی دھُوم دَھام سے ہوئی۔ پرویز کے بے شمار دوستوں نے اور پروین کے لامحدود رشتہ داروں نے اس میں شرکت کی۔ اس کے بعد وہ لوگ ہمارے گھر بھی آئے، لیکن پھر ہمارا رابطہ جو منقطع ہوا تو پچھلے ہفتہ ملاقات ہوئی۔‘‘
پرویز کی کہانی سن کر ثریا نے ایک ٹھنڈی آہ بھری۔ سمیہ نے پوچھا۔ ’’کیا تمہیں پرویز اور پروین کی کہانی میں مزہ نہیں آیا؟‘‘
ثریا بولی۔ ’’نہیں ایسی بات نہیں۔ آج بڑے دِنوں کے بعد خضر کا ذِکر اِس قدر ہوا کہ اُس کی کمی کھلنے لگی۔‘‘
سمیہ بھی روہانسی ہو گئی اور بولی۔ ’’سچ۔۔۔ میں نے بھی آج بہت دنوں کے بعد۔۔۔‘‘ الفاظ سمیہ کی زبان سے نیچے لڑھک گئے۔ 
کھانے کا وقت ہو چکا تھا۔ سمیہ کھانا لگانے باورچی خانے میں چلی گئی اور ثریا سوچنے لگی کہ جس طرح خضر کو اپنے دوست پرویز کا خیال تھا اور اس نے سمیہ کی مدد سے اس کا گھر بسایا، کاش کہ اسے میرا بھی خیال ہوتا اور وہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سمیہ کمرے میں کھانے کی ٹرے لئے داخل ہوئی اور ثریا کے خیالات کی زنجیر ٹوٹ گئی۔ 


۱۹

ابلیسی فتنہ

ظفر اقبال کا دماغ پھر ایک بار کمپیوٹر سے تیز چل رہا تھا اور اب تو اس مشین میں شیطان سرائیت کر گیا تھا۔ وہ ہر صورت وکیل جلول جلال کو زیر کرنا چاہتا تھا۔ اسی لئے اس نے قلندر کا وکالت نامہ از خود بھر دیا تھا۔ اس کے ذہن میں ایک ابلیسی فتنہ رقص کر رہا تھا۔ اس منصوبے کے تحت ظفر اقبال نے اپنے مؤکل قلندر سے ملاقات کی اجازت طلب کی، جو اُسے بڑی آسانی سے مل گئی اور وہ قلندر سے ملنے سینٹرل جیل میں پہنچ گیا۔ 
’’قلندر! کیا تم مجھے پہچانتے ہو؟‘‘ ظفر نے سوال کیا۔ 
قلندر ظفر کو پہچان نہ سکا، پھر بھی بولا۔ ’’ارے صاحب! آپ کو کون نہیں پہچانتا؟ سارا شہر آپ کو جانتا ہے۔‘‘
’’اچھا! لیکن سریندر نہیں جانتا؟‘‘
ظفر کے منہ سے اپنا اصلی نام سن کر قلندر چونک پڑا۔ وہ بولا۔ ’’آپ کس سریندر کی بات کر رہے ہیں ؟ وہ تو کب کا مر کھپ چکا ہے۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو میں جس سے بات کر رہا ہوں وہ کیا سریندر کی آتما ہے؟‘‘
قلندر سمجھ گیا کہ یہ کوئی مشکل اسامی ہے جسے ٹہلاناآسان کام نہیں ہے۔ وہ بولا۔ ’’یہی سمجھ لیجئے صاحب۔‘‘
’’سمجھ لوں۔۔۔ کیا مطلب؟ یوں ہی سمجھ لوں یا اس سلسلے میں سعید اور اکرم کی مدد لوں ؟‘‘
ظفر کے منہ سے سعید اور اکرم کا نام سن کر قلندر ڈر گیا۔ وہ بولا۔ ’’سچ بولوں شریمان۔۔۔ پونر جنم کیول مرتیو کے پشچات ہی نہیں ہوتا، بلکہ ایک ہی جنم میں منوشیہ کئی مرتبہ مرتا ہے اور پھر پیدا ہو جاتا ہے، اور اُسے پتہ ہی نہیں چلتا۔ لیکن دُربھاگیہ سے مجھے پتہ چل گیا اور لوگوں کو پتہ نہ چلا۔ میں جس لمحہ سریندر کی حیثیت سے مرا، اُسی چھن قلندر کے روپ میں پیدا ہو گیا۔ گویا سریندر کی آتما نکلی اور قلندر کی آتما مجھ میں سما گئی۔ اب آپ ہی بتائیے صاحب، کیا آپ اس بات پر وشواس کریں گے؟ مجھے وشواس ہے کہ آپ ایسا نہیں کریں گے۔ لیکن آپ کے کرنے یا نہ کرنے سے کیا فرق پڑتا ہے؟‘‘ قلندر الفاظ سے کھیل رہا تھا، بات سے بات بنائے جا رہا تھا۔ 
ظفر سمجھ گیا کہ یہ بہت بڑا کلاکار ہے۔ اس کو اپنے قابو میں کرنا وکیل جلول جلال کے بس کی بات نہیں ہے۔ اُسے اس بات پر خوشی تھی، اس لئے کہ اس فرضی مقدمے کو جیتنے کے لئے اُسے اِسی طرح کے نقلی گواہ کی ضرورت تھی۔ ظفر بولا۔ 
’’دیکھو قلندر! تمہیں شاید نہیں پتہ کہ فی الحال تم حراست میں ہو اور عدالت کا حکم ہے کہ تمہارے ذریعہ خضر حیات کے قتل کی سازش کا پتہ چلایا جائے اور پولیس کا محکمہ جلد ہی اس کام کو شروع کرنے والا ہے اور میں تمہارا سرکاری وکیل ہوں۔ کیا سمجھے؟‘‘
’’دیکھئے صاحب! آپ مجھے پولیس کی دھمکی نہ دیں۔ میں آڑے وقت میں ان کے کام آتا ہوں ، اس لئے وہ مجھے کوئی گزند نہیں پہنچائیں گے۔ جہاں تک عدالت میں میری پیروی کا سوال ہے، مجھے کسی وکیل کی ضرورت نہیں۔ میں اس معاملے میں خود کفیل ہوں۔ کیا سمجھے؟‘‘
ظفر کا داؤں اُلٹا پڑا تھا۔ قلندر کسی صورت قابو میں نہیں آ رہا تھا۔ لیکن ظفر کے اندر کا ابلیس مایوس ہونا نہیں جانتا تھا۔ وہ بولا۔ ’’دیکھو ہماری آپس کی لڑائی میں دونوں کا خسارہہے۔ لیکن اگر ہم دوستی کر لیں تو ایک دوسرے کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔‘‘
فائدے کا نام سن کر قلندر کی آنکھوں میں چمک پیدا ہو گئی۔ سودے بازی ہو گئی اور پھر ظفر نے قلندر کو اپنا منصوبہ سمجھا دیا۔ ان کے درمیان دیر تک کھسر پھسر چلتی رہی بالآخر بڑی گرم جوشی سے دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ مصافحہ کیا۔ ظفر شاداں و فرحاں لوٹ رہا تھا۔ 





عدالت میں وکیل جلول جلال کا حوصلہ بلند تھا۔ اُسے اپنے منصوبے کے مطابق پہلے مرحلے میں قلندر کو کاذب ثابت کرنا تھا اور پھر قتل کی سازش میں سمیہ کو شامل کرنا تھا، اور اس کے بعد جرح کے دوران سمیہ کو اعتراف کر لینا تھا۔ سمیہ کے اعتراف کے بعد ظفر کے لئے کوئی بھی موقع نہیں رہتا تھا۔ اُسے تو بے دست و پا ہو جانا ہی تھا۔ 
قلندر کی جانب سارے لوگوں کی نگاہ لگی ہوئی تھی۔ اس نے عدالت میں کسی مقدس کتاب پر ہاتھ رکھ کر قسم کھانے سے اِنکار کر کے حاضرین کو چونکا دیا۔ 
وکیل جلول جلال نے اس حرکت پر ایک بلند قہقہہ لگانے  کے بعد فقرہ کسا۔ ’’جناب قاضیِ شہر۔۔۔ اس گواہ نے تو اپنے ارادے آتے ہی ظاہر کر دئیے ہیں۔‘‘
ظفر بولا۔ ’’قلندر کی کسی بھی حرکت کی توجیہ وہی کر سکتا ہے۔ کسی اور کو اس کا تمسخر اُڑانے کا حق نہیں ہے۔ اس سے گواہ کے حوصلے پست ہوتے ہیں۔ میری گزارش یہ ہے کہ قلندر کو اپنی صفائی کا موقع دیا جائے۔‘‘
جج نے وکیل جلول جلال کو ڈانٹ پلائی اور قلندر سے وجہ بتانے  کی فرمائش کی۔ قلندر بولا۔ ’’جج صاحب! مجھے یقین ہے کہ آپ نے بھی جج کی کرسی پر بیٹھنے سے پہلے وکالت کی ہو گی اور آپ کو یقیناً پتہ ہو گا کہ وکلاء کس قدر جھوٹ بولتے ہیں۔ لیکن ان سے کسی مقدس کتاب پر ہاتھ رکھ کر قسم کھانے کے لئے نہیں کہا جاتا، اور اس گواہ سے، جسے وکلاء ہی جھوٹ پڑھا کر لاتے ہیں ، قسم لی جاتی ہے۔ یہ کہاں کا انصاف ہے؟ میں ہر کتاب کو مقدس مانتا ہوں اور مجھے کسی بھی کتاب پر ہاتھ رکھ کر قسم کھانے میں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ بشرط یہ کہ وکیل جلول جلال اور وکیل ظفر اقبال بھی ایسا ہی کریں۔‘‘ قلندر کی دلیل پر سب کو سانپ سونگھ گیا۔ وکیل جلول جلال کے چہرے پر ہوائیاں اُڑنے لگیں۔ 
جج نے کہا۔ ’’ہماری جانب سے اس رسم پر کوئی اصرار نہیں ہے۔ مقدمے کی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے۔‘‘
جرح کا آغاز کرتے ہوئے وکیل جلول جلال نے پوچھا۔ ’’کیا تم واقعی صفدر کو جانتے ہو؟‘‘
’’یہ واقعی اور غیر واقعی جاننا کیا ہوتا ہے؟ اگر آپ اس کی وضاحت فرمائیں تو مجھے صحیح جواب دینے میں واقعی آسانی ہو گی۔‘‘
وکیل جلول جلال کے چہرے پر گویا ایک زناٹے دار طمانچہ پڑا تھا، اور اس کا سارازعم ہوا میں تحلیل ہو گیا تھا۔ جلول جلال نے اپنے آپ کو سنبھالتے ہوئے کہا۔ ’’میرا مطلب ہے کیا تم صفدر سے واقف ہو؟‘‘
’’یہ کس قدر بچکانہ سوال ہے؟ جس شخص نے مجھے پیسے دے کر اپنا ٹکٹ لانے کے لئے بھیجا، اس کے بارے میں مجھ سے پوچھا جا رہا ہے کہ کیا میں اُسے جانتا ہوں !! اِس دُنیا میں کون ایسا احمق ہو گا جو پانچ ہزار درہم کسی اجنبی کے حوالے کر دے اور اس سے کہے کہ فلاں ایجنسی سے اس کا ہوائی ٹکٹ لے کر آئے؟‘‘
وکیل جلول جلال نے بپھر کر کہا۔ ’’تمہاری زبان ہے یا قینچی؟ جو پوچھا جائے، اُس کا جواب دو۔ اُلٹا سوال نہ کرو۔‘‘
ظفر نے مداخلت کی اور کہا۔ ’’فاضل وکیل گواہ کو ڈرا دھمکا رہے ہیں۔‘‘ جج نے پھر ایک بار وکیل جلول جلال کو تنبیہ کی۔ 
جلول جلال نے سوال کیا۔ ’’اچھا تم صفدر کو کب سے جانتے ہو؟‘‘
’’میں صفدر کو گزشتہ صدی سے جانتا ہوں ؟‘‘
’’اور تمہاری عمر کیا ہے؟‘‘
’’تیس سال!‘‘
’’دیکھیں جناب۔۔۔ اس کی کل عمر تیس سال ہے اور یہ سو سال سے میرے مؤکل کو جانتا ہے۔ جبکہ خود صفدر بھی تیس سال کی عمر کا ہے۔‘‘
قلندر بولا۔ ’’میں عدالت سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ میرے جواب کو سوال سے جوڑ کر دیکھے، نہ کہ وکیل صاحب کے تبصرے سے۔ اس لئے کہ اس تبصرے کا نہ ہی تعلق سوال سے ہے اور نہ جواب سے۔‘‘ قلندر خود ہی اپنی پیروی کر رہا تھا۔ ظفر تماشائی بنا ہوا تھا۔ ’’مجھ سے میری یا صفدر کی عمر کے بارے میں سوال نہیں کیا گیا تھا۔ ہم دونوں جب  پانچ سال کی عمر کے تھے اس وقت ایک ہی اسکول میں داخل کئے گئے تھے۔ یہ حسنِ اتفاق ہے کے ہماری عمر کا دو تہائی حصہ گزشتہ اور ایک تہائی حصہ اس صدی میں گزرا ہے۔‘‘
وکیل جلول جلال بوکھلاہٹ کا شکار ہو گیا اور بولا۔ ’’مجھے اس احمق سے کوئی سوال نہیں کرنا۔ یہ بلاوجہ عدالت کا وقت ضائع کر رہا ہے۔‘‘
ظفر نے مسکرا کر جواب دیا۔ ’’لیکن مجھے اس سے بہت کچھ پوچھنا ہے۔ اس لئے کہ غالباً عدالت نے اِسی کے توسط سے قتل کی سازش کا پتہ لگانے کی ہدایت کی تھی۔ صفدر کی غیر موجودگی میں اب سارے معاملے کی اہم ترین کڑی یہی گواہ ہے۔‘‘
جج صاحب نے تائید کی اور اجازت دے دی۔ 
ظفر بولا۔ ’’خیر، مان لیا کہ تم صفدر کو صدیوں سے جانتے ہو۔ لیکن کیا تمہیں یہ بھی پتہ تھا کہ صفدر کہاں اور کیوں جا رہا ہے؟‘‘
’’جی ہاں وکیل صاحب۔۔۔ چونکہ خود میں ٹکٹ لانے کے لئے گیا تھا، اس لئے مجھے اچھی طرح پتہ تھا کہ وہ کب اور کہاں جا رہا ہے۔‘‘
’’میرا سوال ’کیوں ‘ تھا؟ کیا تم فرار کی وجہ سے بھی واقف تھے؟‘‘
’’جی ہاں جناب! قتل کا ملزم فرار اسی لئے چاہتا ہے تاکہ اپنے آپ کو سزا سے بچا سکے۔‘‘
’’تو گویا صفدر کو یقین ہو گیا تھا کہ اُسے سزا ہو گی؟‘‘
’’جی ہاں ! جس کے خلاف آپ جیسا ہونہار وکیل کھڑا ہو جائے، تو ایسے میں اگر وہ مجرم نہ بھی ہو تو سزا پا جائے۔‘‘
ظفر بولا۔ ’’ذرّہ نوازی ہے۔۔۔ لیکن کیا تمہارے جواب میں کہیں یہ بات بھی چھپی ہوئی ہے کہ صفدر نے یہ قتل کیا تھا؟‘‘
’’جی ہاں ! اس میں شک شبہ کی کون سی گنجائش ہے؟‘‘
’’اگر ایسا ہے تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر اس نے یہ قتل کیوں کیا؟ فاضل وکیل اس سے پہلے یہ ثابت کر چکے ہیں کہ صفدر نہ پیشہ ور قاتل تھا اور نہ اس کی مجرمانہ فطرت تھی۔۔۔ اور تو اور اس کے خضر کے ساتھ نہایت دوستانہ تعلقات بھی تھے۔‘‘
’’اچھے دوستوں کے درمیان دشمنی کا پیدا ہو جانا کوئی حیرت کی بات نہیں ہے۔ ایسا ہی ہوتا رہا ہے اور ہوتا رہے گا۔‘‘
’’لیکن ہر دشمنی کے پسِ پشت کوئی نہ کوئی وجہ ضرور ہوتی ہے۔ کیا تم اس بات کو تسلیم کرتے ہو؟‘‘
’’جی ہاں جناب۔ چونکہ آپ کہہ رہے ہیں تو مجھے تسلیم کرنے میں کیا تامل ہے۔‘‘ قلندر کی پُر اطمینان گفتگوسے یہ محسوس ہی نہیں ہوتا تھا کہ وہ عدالت میں کھڑا گواہی دے رہا ہے۔ 
’’بہت خوب۔۔۔ تو کیا تمہیں خضر کے قتل کی وجہ معلوم ہے؟‘‘
’’کیوں نہیں۔۔۔ بے شک معلوم ہے۔ صفدر میرا لنگوٹیا یار تھا اور مجھ سے کوئی بات نہ چھپاتا تھا۔‘‘
ثریا کو حیرت اس بات پر تھی کہ اس نے کبھی بھی اس قلندر کو صفدر کے ساتھ نہ دیکھا تھا اور نہ ہی صفدر کے منہ سے اس کا تذکرہ سنا تھا۔ لیکن وہ جس اعتماد کے ساتھ کہہ رہا تھا، اس کا جھٹلانا مشکل نظر آ رہا تھا۔ جلول جلال اور سمیہ بھی حیرت سے یہ تماشہ دیکھ رہے تھے۔ قلندر نے تماشہ گروں کو تماشہ بین بنا دیا تھا۔ 
’’تو کیا تم عدالت کو قتل کی وجہ بتلا سکتے ہو؟‘‘
’’کیوں نہیں۔ اصل بات تو یہ ہے صاحب کہ میرا دوست صفدر ایک نہایت بھولا بھالا انسان ہے۔ اس لئے نادانستہ طور پر ایک سازش کا شکار ہو گیا۔ وہ بے چارہ خود نہیں جانتا تھا کہ وہ کیا کر رہا ہے اور کیوں کر رہا ہے؟‘‘
’’سازش؟ کیسی سازش؟ کس نے اس سازش کو تیار کیا؟ تمہیں یہ سب تفصیل سے بتانا ہو گا۔‘‘ ظفر نے سوال کیا
قلندر کی باتوں نے سارے لوگوں کو سکتہ میں ڈال دیا تھا۔ 
’’جناب، سچ کئی مرتبہ نہ صرف ترش بلکہ ناقابلِ یقین ہوتا ہے۔ اگر میں اُس معصوم سے چہرے پر سے نقاب اُٹھا دوں تو مجھے ڈر ہے کہ آپ میرا چہرہ نوچ ڈالیں گے۔‘‘ جلول جلال کو لگا کہ قلندر اس کا کام آسان کرنے جا رہا ہے۔ وہ سمیہ کا نام بتلا دے گا اور پھر سب کچھ اسی طرح ہو جائے گا جیساکہ وہ چاہتا ہے۔ جلول جلال کو پہلی بار قلندر اچھا لگا تھا۔ ثریا نے گھبرا کر سمیہ کی جانب دیکھا۔ اُسے توقع تھی کہ سمیہ باغ باغ نظر آئے گی۔۔۔ لیکن ایسا نہ تھا۔ سمیہ کے چہرے پر خوف سے پسینے کی بوندیں نمودار ہو گئی تھیں۔ ویسے بھی پچھلے کئی دنوں سے سمیہ نے اپنی موت کی پُرانی رَٹ بند کر دی تھی اور اب تو وہ واقعی خوفزدہ دکھائی دے رہی تھی۔ ثریا نے سوچا کہ ممکن ہے وہ اداکاری کر رہی ہو؟ کون جانے؟ 
ظفر بولا۔ ’’قلندر عدالت کا وقت بہت قیمتی ہے۔ اُس کے پاس تمہاری لن ترانی کے لئے فرصت نہیں ہے۔ اس لئے جلدی سے کام کی بات کرو۔‘‘
قلندر بگڑ گیا اور بولا۔ ’’صاحب! اگر وقت نہیں ہے تو اپنی بلا سے۔ مجھے داستان گوئی کا کب شوق ہے؟ میں خود نہیں آیا ہوں بلایا گیا ہوں۔ اگر آپ لوگوں کا وقت بہت قیمتی ہے تو میری چھٹی کیجئے اور میرے معصوم دوست صفدر کو پھانسی کے پھندے پر لٹکا دیجئے۔۔۔ قصہ ختم!‘‘
جج نے مداخلت کرتے ہوئے ظفر کی سرزنش کی۔ وہ بولے۔ ’’عدالت کا وقت بچانے کی سفارش سے سرکاری وکیل گریز کرے۔ ہمارے پاس وقت ہے۔ ہم حقیقت کی تہہ تک پہنچنا چاہتے ہیں اور کسی بے گناہ کو سزا دینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ اس لئے قلندر کو اپنی بات تفصیل سے رکھنے دی جائے۔‘‘
وکیل جلول جلال کو ظفر کی کان کھنچائی پر خوشی نہیں ہوئی۔ اس لئے کہ اسے بھی قلندر کی طول طویل گفتگو سے اُلجھن ہونے لگی تھی۔ 
قلندر نے جج صاحب کی جانب دیکھ کر شکریہ ادا کیا اور بولا۔ ’’مجھے انصاف کے علمبرداروں سے یہی اُمید تھی۔ تو جناب! یہ بات تقریباً سات سال پرانی ہے۔ جب گولڈن ٹرائنگل یعنی طلائی مثلث کنسٹرکشن نامی کمپنی قائم ہوئی تھی۔ میں اور صفدر دونوں اس میں انٹرویو کے لئے گئے تھے، لیکن صفدر کامیاب ہو گیا اور میں ناکام ہو گیا۔ وہ بہت خوش تھا اور میں بہت غمزدہ تھا۔ آج میں جب پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو مجھے محسوس ہوتا ہے کہ کاش وہ بھی ناکام ہو جاتا اور وقتی طور پر تھوڑا بہت غمگین ہو جاتا۔ لیکن آج جس مصیبت میں وہ گرفتار ہے، کم از کم اس سے تو محفوظ رہتا۔‘‘ قلندر نے جس طرح کی منظر نگاری کی تھی، اُس سے ظفر بھی حیران رہ گیا تھا۔ کس بلا کا فنکار تھا یہ شخص۔۔۔ کس خوبی سے اس نے عدالت میں موجود سارے لوگوں کو اپنے کذب کے سحر میں گرفتار کر لیا تھا۔۔۔ ہر کوئی سانس روک کر اس کی جانب متوجہ تھا۔ عدالت میں قبرستان کی سی خاموشی تھی۔ 
’’اُس زمانے میں اس کمپنی کے پاس سرمائے کی کمی تھی۔ اس لئے زیادہ تر آسامیاں غیر تجربہ کار افراد سے پُر کی جا رہی تھیں ، جن میں خضر اور ثریا بھی شامل تھے۔‘‘ قلندر کے منہ سے ثریا کا نام سن کر سارے لوگ چونک پڑے۔ ’’ثریا اور خضر دونوں ہم عمر ہونے کے ساتھ ساتھ نہایت اسمارٹ اور تیز و طرار تھے، اس لئے ان کے درمیان ’’کچھ کچھ‘‘ ہونے لگا۔ میرا خیال ہے آپ لوگ سمجھ گئے ہوں گے کہ میں کیا کہہ رہا ہوں !‘‘ ثریا سر جھکائے بیٹھی تھی۔ اس کا چہرہ شرم سے سرخ ہو گیا تھا۔ وکیل جلول جلال نے مداخلت کرتے ہوئے کہا۔ ’’میں گواہ سے استدعا کرتا ہوں کہ غیر ضروری افراد کو درمیان میں لا کر ان کی ذاتی زندگی کو زیرِ بحث نہ لائے۔ اس سے ان کے عزتِّ نفس کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے۔‘‘ 
’’شکریہ جناب۔۔۔‘‘ قلندر بولا۔ ’’میں آپ کے مشورے کی قدر کرتا ہوں ، بشرطیکہ کوئی غیر متعلق ہو۔ جی ہاں ، تو میں یہ کہہ رہا تھا کہ اُسی دوران صفدر کی دوستی خضر اور ثریا سے ہو گئی اور ان تینوں کے درمیان ایک مثلث بن گیا۔ اس دوران گولڈن ٹرائنگل کو شہر کا سب سے بڑا تعمیراتی پراجیکٹ مل گیا۔ صفدر اور خضر کا سائٹ پر تبادلہ ہو گیا۔ گو کہ بظاہر خضر اور ثریا میں فاصلے رونما ہو گئے تھے، لیکن ٹیلیفون ان کے درمیان ایک موثر وسیلہ بن گیا اور اس طرح خضر اور ثریا ایک دوسرے سے رابطے میں رہے۔ ساری کمپنی اس بات کی گواہ ہے کہ وہ دونوں آخری وقت تک ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست تھے اور خضر حیات کی موت سے قبل جسشخص کی اُس سے آخری ملاقات ہوئی تھی، وہ کوئی اور نہیں ثریا صاحبہ تھیں۔ ہسپتال کا عملہ اس بات کی شہادت دے سکتا ہے۔‘‘ ثریا کی رگوں کا خون خشک ہو گیا تھا۔ یہ آدمی ہے یا انتریامی۔۔۔ ؟ اِس کی ہر ہر بات صحیح تھی، لیکن سوال یہ تھا کہ اِسے یہ سب پتہ کیسے چل گیا؟ ان تفصیلات سے صفدر کے علاوہ کوئی اور واقف نہیں تھا اور صفدر فی الحال ہسپتال میں زیرِ علاج تھا۔ 
’’جناب! وقت کا پہیہ بدستور گھومتا رہا۔ لیکن اس کے راستے میں ایک اہم موڑ اُس وقت آیا جب خضر اپنی شادی کا دعوت نامہ لے کر صدر دفتر پہنچا، جہاں ثریا کام کرتی تھی۔ اس بات کی تصدیق بھی کمپنی کے ریکارڈ سے کی جا سکتی ہے کہ ثریا اُسی دن سے طبیعت کی ناسازی کا بہانہ بنا کر چھٹی پر چلی گئی تھی اور آگے چل کر اس نے استعفیٰ بھی دے دیا تھا۔‘‘
وکیل جلول جلال نے پھر مداخلت کی اور بولا۔ ’’مجھے افسوس ہے کہ اس معاملے میں بلاوجہ ثریا صاحبہ کی کردار کشی کی جا رہی ہے اور عدالت خاموش ہے۔ جبکہ ان کا قتل کے اس مقدمے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘‘
اس سے پہلے کہ ظفر کچھ بولتا، قلندر پھر بول پڑا۔ ’’میں محترم وکیل صاحب سے گزارش کرتا ہوں کہ جلد بازی کے بجائے صبر سے کام لیں اور ثریا کے بجائے اپنے مؤکل صفدر کا دفاع کریں جو جیل کے بعد فی الحال ہسپتال کی ہوا کھا رہا ہے۔‘‘ قلندر کی اس چوٹ پر وکیل جلول جلال تلملا کر رہ گیا، لیکن کچھ کہہ نہ سکا۔ اس کے بر عکس ظفر خوشی سے پھولا نہ سما رہا تھا۔ 
’’اس تمہید کے بعد، جس کا عدالت کے سامنے آنا ضروری تھا، میں اپنی بات کو مختصر کرتے ہوئے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ۔۔۔‘‘ قلندر نے بات آگے بڑھائی۔ ’’آگے چل کر سمیہ اور خضر کی خوشگوار ازدواجی زندگی نے ثریا کے دل میں حسدو نفرت کے جذبات پیدا کر دئیے، نتیجہ یہ ہوا کہ ثریا نے ایک خوفناک سازش رچی، جس میں میرے دوست صفدر کو ورغلا کر شامل کر لیا اور اس کے ذریعہ سے خضر کا قتل کروا دیا۔ دراصل میرا دوست صفدر تو صرف ایک کٹھ پتلی کی طرح اس سازش میں پھنسا ہوا ہے۔ اس کا سوتر دھار کوئی اور نہیں بلکہ ثریا بیگم ہیں۔۔۔ ثریا بیگم۔‘‘ ایک طرف جہاں ثریا نے اپنا سر پکڑ لیا، سمیہ نے چین کی سانس لی۔ یہ عجیب و غریب صورتحال تھی۔ 
وکیل جلول جلال اس کلائمکس کے لئے بالکل بھی تیار نہیں تھا۔ وہ بوکھلاہٹ میں اپنی جگہ پر کھڑا ہو گیا اور اپنے منصوبے کے خلاف دلیل پیش کر دی۔ اُس نے کہا۔ ’’عالی جناب جج صاحب۔۔۔ قلندر نے ایک اچھی کہانی سنائی ہے۔ اس کے لئے میں اس کی تعریف کرتا ہوں۔ لیکن عدالت میں فیصلے قیاسات کی بنیاد پر نہیں بلکہ ٹھوس ثبوت پر منحصر ہوتے ہیں اور مجھے اس کہانی میں نہ کوئی حقیقت دکھائی دیتی ہے اور نہ اس کا کوئی ثبوت نظر آتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ قلندر اپنے دوست صفدر کو بچانے کے لئے اِسے گھڑ کر لایا ہے۔‘‘
قلندر بولا۔ ’’جنابِ عالی مجھے خوشی ہے کہ فاضل وکیل صاحب نے مجھے قلندر کا دوست تسلیم تو کیا۔ ورنہ تو وہ تھوڑی دیر قبل مجھ سے یہ پوچھ رہے تھے کہ آیا میں صفدر سے واقف بھی ہوں یا نہیں ؟ اسی کے ساتھ میں اُنہیں یہ یاد دلاتا چلوں کہ صفدر کا وکالت نامہ انہوں نے بھرا ہے میں نے نہیں۔ اس لئے صفدر کو بری کروانے کی ذمہ داری میری نہیں بلکہ اُن کی ہے۔‘‘ جیسے ہی قلندر نے وکیل جلول جلال کو اس کی عظیم غلطی کا احساس دلایا جلول حواس باختہ ہو گیا۔ اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ وہ جذبات میں آ کر کیا کہہ گیا۔ ظفر کا قلعہ قلندر نے فتح کر کے اُس کے قدموں میں رکھ دیا تھا۔ 
قلندر کہہ رہا تھا۔ ’’جناب! ثبوت جو میں نے پیش کئے ہیں ، اُنہیں میں دوہرا دوں۔ گولڈن ٹرائنگل کے کسی بھی ملازم سے خضر اور ثریا کی دوستی کا پتہ لگایا جا سکتا ہے۔ گولڈن ٹرائنگل کے ریکارڈ سے ثریا کے استعفیٰ کی تاریخوں کا خضر کی شادی کے اوقات سے موازنہ کیا جا سکتا ہے۔ لیکن اب میں وہ ثبوت پیش کر رہا ہوں جن کا ذکر ابھی تک نہیں کیا گیا۔ گولڈن ٹرائنگل میں ملازمین کے پاسپورٹ صدر دفتر میں رکھے جاتے ہیں ، سائٹ آفس پر نہیں۔ عدالت اس بات کی جانچ کر سکتی ہے کہ انسانی وسائل کے دفتر سے صفدر کا پاسپورٹ کس نے نکالا؟‘‘
ثریا نے جب یہ سنا تو اس کے پیروں تلے سے زمین کھسک گئی۔ وہاں تو اس کے دستخط موجود تھے۔ ظفر کے ذریعہ کی گئی تحقیق اپنا رنگ دکھا رہی تھی۔ قلندر اس کا بھرپور استعمال کر رہا تھا۔ قلندر آگے بولا۔ ’’میرا دوست صفدر ایک معمولی ملازم ہے۔ اس کے پاس اچانک سنگاپور جانے کے لئے رقم کہاں سے آ گئی؟ اس نے ملک کے سب سے بڑے وکیل جلول جلال کی خدمات کیسے حاصل کر لیں ؟ اور وکیل جلول جلال اچانک صفدر کو چھوڑ کر ثریا کے طرفدار کیوں بن گئے؟‘‘ قلندر نے اپنے آخری وار سے وکیل جلول جلال کا بیڑہ غرق کر دیا تھا۔ وہ چاروں شانے چت پڑا ہانپ رہا تھا اور ظفر مسکرا رہا تھا۔ 
ظفر نے ایک گھنٹے بعد پہلی مرتبہ اپنی زبان کھولی اور یہ کہا۔ ’’میری عدالت سے درخواست ہے کہ مزید تحقیقات کی غرض سے ثریا بیگم کو گرفتار کر کے حراست میں بھیج دیا جائے اور میرے مؤکل قلندر کو رہا کر دیا جائے۔ اس لئے کہ اس کی تفتیش و گواہی مکمل ہو چکی ہے۔ وہ اپنی ذمہ داری بخیر و خوبی ادا کر چکا ہے۔‘‘
وکیل جلول جلال چاہتا تو تھا کہ ثریا کی گرفتاری کی مخالفت کرے، لیکن ایسا کرنے سے اس پر لگائے گئے بے بنیاد الزام کی تصدیق ہوتی تھی۔ شش و پنج کا شکار وکیل جلول جلال خاموش تماشائی بنا رہا۔ عدالت نے ظفر کی دونوں درخواستوں کو منظور کر لیا۔ ثریا کو گرفتار کر لیا گیا اور قلندر کے ساتھ ظفر فاتحانہ چال چلتے ہوئے عدالت سے باہر آگیا۔ 
جلول جلال کی طرح سمیہ بھی عجیب و غریب تذبذب کا شکار ہو گئی تھی۔ اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ کیا کرے۔ پہلے صفدر اور اب ثریا ایک نا کر دہ گناہ کی سزا سے قریب تر ہو گئے تھے۔ جو کچھ وقوع پذیر ہو رہا تھا وہ ان کے خواب و خیال میں بھی نہیں تھا۔ 



۲۰

کرنل ڈیوڈ

سمیہ کی آنکھ کھلی تو کیا دیکھتی ہے کہ سورج کی دھوپ اس کے قدموں کا بوسہ لے رہی ہے۔ یہ کیا؟ وہ کس قدر سوئی تھی۔ اس کے باوجود آنکھوں میں نیند کا خمار باقی تھا۔ دل کا بوجھ اسی طرح قائم تھا جیساکہ سونے سے پہلے تھا۔ صفدر کے بعد ثریا کی گرفتاری نے سمیہ کو غمزدہ کر دیا تھا لیکن اس کے ساتھ ہی دل کے کسی کونے میں اس کے اپنے بچ جانے کی مسرت کرن بن کر جگمگا رہی تھی۔ وہ سوچ رہی تھی۔۔۔ ’’کیا کوئی اس قدر خود غرض بھی ہو سکتا ہے؟‘‘ اِس بیچ اچانک فون کی گھنٹی بجی اور دوسری طرف سے کرنل ڈیوڈ کی آواز آئی۔ ’’بیٹی تم کیسی ہو؟‘‘
کئی ماہ بعد آج کرنل صاحب سے بات ہو رہی تھی۔ پہلے اس کا معمول تھا کہ وہ وقفے وقفے سے فون کر کے خیریت معلوم کر لیا کرتی تھی۔ لیکن جب سے خضر کا حادثہ ہوا تھا، اسے نہ اپنا ہوش تھا اور نہ کرنل صاحب کا۔ ’’جی اَنکل۔۔۔ میں معذرت چاہتی ہوں۔ فرمائیے آپ کیسے ہیں ؟ آپ کی صحت کا کیا حال ہے؟‘‘
’’بیٹی میں تو ٹھیک ہوں۔ تم اپنی سناؤ؟‘‘
’’میں۔۔۔ میں بھی اچھی ہوں۔‘‘
’’سمیہ۔۔۔ تم اتنی بڑی ہو گئیں لیکن تمہیں جھوٹ بولنا نہیں آیا۔ جب بھی جھوٹ بولتی ہو، فوراً پکڑی جاتی ہو۔‘‘
’’جی نہیں اَنکل، ایسی کوئی بات نہیں۔ میں۔۔۔ میں واقعی اچھی ہوں !! اچھی ہی ہوں !!!‘‘
’’سمیہ۔۔۔ اتنے دنوں تک تمہارا فون نہیں آیا، اس لئے مجھے خود ہی سمجھ لینا چاہئے تھا۔ دراصل اس بیچ میں احمق لوگوں کی طرح اپنے آپ کو بہلاتا رہا۔ لیکن آج رات میں نے ایک خواب دیکھا۔۔۔ نہایت بھیانک خواب۔۔۔ اور مجھے یقین ہو گیا کہ تم کسی بڑی مصیبت میں پھنس گئی ہو۔ اس لئے میں تمہارے پاس آ رہا ہوں۔‘‘
’’اوہو۔۔۔ آپ کیوں زحمت کر رہے ہیں اَنکل! میں بخیر ہوں۔ آپ میری فکر نہ کریں ، بلکہ اپنی صحت کا خیال رکھیں۔‘‘
’’سمیہ میں نے تم سے پوچھنے کی خاطر فون نہیں کیا بلکہ تمہیں یہ بتانے کے لئے فون کیا ہے کہ میری شام کی فلائٹ ہے۔ میرا جہاز رات دس بجے اُترے گا۔ کیا سمجھیں ؟‘‘ کرنل ڈیوڈ نے اس  فوجی لب و لہجہ میں کہا جس میں احکامات جاری کئے جاتے ہیں۔ 
’’سمجھ گئی۔۔۔ میں آپ سے ہوائی اڈے پر ملاقات کروں گی۔‘‘
’’بہت خوب۔۔۔ اور سب تو ٹھیک ہے نا؟‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ سب خیریت ہے۔ آپ آئیں تو بات ہو گی انشا اللہ۔۔۔ خدا حافظ!‘‘
’’خدا حافظ!!‘‘ فون بند ہو گیا۔ 
وہ سوچ رہی تھی۔ ’’ڈیوڈ انکل نے نہ جانے خواب میں کیا دیکھ لیا تھا؟ اُنہیں سب کچھ نہ جانے کیسے پتہ چل گیا تھا؟‘‘ سمیہ اپنے آپ سے پوچھ رہی تھی۔۔۔ ’’خیریت تو ہے؟ شام میں انکل سے کیا کہے گی؟ خضر موت کی اور سکندر زندگی کی نیند سو رہا ہے؟‘‘ پھر اس نے سارے سوالات کو ذہن سے جھٹک دیا۔ ابھی سے پریشان ہونے سے کیا حاصل جب رات آئے گی تو دیکھی جائے گی؟ لیکن ڈیوڈ اَنکل کو بہلانا پھسلانا آسان کام نہیں تھا۔ وہ تو خط کا مضمون لفافہ دیکھ کر بھانپ لیا کرتے تھے۔ ڈیوڈ انکل، جو اس کے بچپن کا سہارا تھے، سمیہ کو آج بھی وہ دن اچھی طرح یاد ہے جب اس کے یتیم خانے کی پرنسپل نے اسے اپنے کمرے میں بلایا تھا۔ وہاں اَنکل ڈیوڈ اور آنٹی میری  براجمان تھے۔ پرنسپل کہہ رہی تھیں۔ ’’ہمارے پاس فی الحال لڑکی تو صرف ایک یہی ہے، لیکن اس کے ماں باپ مسلمان ہیں۔‘‘
اسی بیچ فون کی گھنٹی دوبارہ بجی۔ سامنے سے چھمیہ بیگم کی آواز آئی۔ ’’کیا یہ سمیہ بی بی کا فون ہے؟ کیا میں ان سے بات کر سکتی ہوں ؟‘‘
’’جی ہاں کیوں نہیں۔ میں سمیہ ہی ہوں چھمیہ۔۔۔ بولو بات کیا ہے؟‘‘
’’بات! بات دراصل یہ ہے کہ میں نہ جانے کب سے ثریا کو فون لگا رہی ہوں لیکن وہ فون نہیں لے رہی ہیں۔ آخر تھک ہار کر میں نے آپ کا فون سکندر کی فائل سے نکالا اور اب آپ کو فون کر رہی ہوں۔ دراصل ایک روز ثریا نے آپ کے بارے میں کہا تھا کہ آپ بھی۔۔۔ آپ بھی سکندر کی ماں ہیں ! کیا یہ سچ ہے؟ کیا آپ واقعی سکندر کی ماں ہیں۔۔۔ ؟؟  فائل میں بھی ماں کے خانے میں آپ ہی کا نام لکھا ہے ؟ کیا ثریاسکندرکی ماں نہیں ہے۔۔۔ ؟؟‘‘ چھمیہ کی سانسیں پھول رہی تھیں وہ عجیب و غریب کیفیت میں مبتلا تھی۔ 
سمیہ ڈر گئی۔ ’’نہ جانے وہ سکندر کے بارے میں کیا خبر دینے کے لئے ثریا کو ڈھونڈ رہی تھی۔ آج انکل آنے والے ہیں۔ کہیں اُن کا استقبال ایک اور بُری خبرسے تو نہیں ہو گا؟‘‘ اس طرح کے سوال سمیہ کے ذہن میں اُبھر آئے تھے۔ اس نے اپنے آپ کو سنبھالا اور بولی۔ ’’چھمیہ یہی سمجھ لو کہ میں بھی سکندر کی ماں ہوں۔۔۔ اور بولو بات کیا ہے؟‘‘
’’بی بی جی۔۔۔ بات یہ ہے کہ آج صبح صبح سکندر کو ہچکیاں آنے لگیں۔ میں گھبرا گئی اور میں نے پہلے ڈاکٹروں کو اطلاع دی اور پھر ثریا سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کرنے لگی۔ اس لئے کہ میں ڈر گئی تھی۔‘‘
سمیہ کا دل بیٹھ گیا۔ اُسے لگا کہ بُری خبر دینے کے لئے وہ سماں باندھ رہی ہے۔ اس کی سمجھ میں آگیا کہ اَنکل نے کیا خواب دیکھا تھا۔۔۔ بھیانک خواب۔۔۔ ! کیا سپنے بھی سچے ہوتے ہیں ؟ اس کا جی چاہ رہا تھا کہ فون بند کر دے۔ دروازے! کھڑکیاں سب بند کر دے۔۔۔ اور ساری دُنیا سے کٹ کر الگ ہو جائے۔۔۔ ! اپنے آپ سے بھی!! اپنے آپ سے فرار حاصل کر کے کہیں دُور نکل جائے۔۔۔ دُور بہت دور۔‘‘
سامنے سے چھمیہ کی آواز آ رہی تھی۔ ’’ہیلو ہیلو! سمیہ بی بی۔۔۔ آپ نے فون کیوں بند کر دیا؟ آپ فون پر تو ہیں نا۔۔۔ ؟؟ ہیلو ہیلو۔۔۔ سمیہ بی بی آپ برائے کرم فون پر رہیں۔ نہیں ، ایسا کریں کہ فی الحال آپ فون کو رکھ دیں ، مجھے ڈاکٹر صاحب بلا رہے ہیں۔ میں جا رہی ہوں۔ میں واپس آ کر فون کروں گی۔ آپ اسی فون کے پاس رہئے گا، کہیں نہ جائیے گا۔ اور ہاں ! اگر ثریا سے بات ہو پائے تو انہیں مجھ سے فون کرنے کے لئے کہیے۔ ان کے پاس میرا موبائل بھی ہے۔ فوراً ہاں فوراً۔۔۔ میں جا رہی ہوں ڈاکٹر بلا رہے ہیں۔‘‘
فون رکھنے کے بعد سمیہ سر پکڑ کر بیٹھ گئی۔ وہ سوچ رہی تھی۔۔۔ کیا ساری مصیبتوں نے آپس میں الحاق کر لیا ہے جو مل جل کر ہلہّ بول دیا۔ اِدھر ثریا اس نازک موقع پر جیل میں جا بیٹھی، اُدھر انکل نے رختِ سفر باندھ لیا۔ کیا یہ سب اِسی وقت ہونا تھا۔ وہ ہسپتال جانے کے لئے اپنی جگہ سے اُٹھی اور پھر بیٹھ گئی۔ سمیہ کا حوصلہ ٹوٹ رہا تھا۔ بلکہ وہ خود اندر ہی اندر ٹوٹ پھوٹ رہی تھی۔ اُمید کا ایک ننھا سا چراغ جو روشن ہوا تھا وہ پھر ٹمٹمانے لگا تھا۔ جب وہ مرنا چاہتی تھی تو وہ جلتا جاتا تھا اور جب اس نے اپنا فیصلہ بدل دیا تو ہوا کے تیز جھونکوں سے وہ پھڑپھڑانے لگا۔ سمیہ کے پاس نہ تو دوا خانے کا نمبر تھا اور نہ چھمیہ کا موبائل نمبر۔ چھمیہ کے پاس بھی اس کا موبائل نمبر نہیں تھا۔ یہی گھر کا ایک فون ایسا تھا جس کے ذریعہ ان دونوں کے درمیان رابطہ ہو سکتا تھا۔ وہ فون کو گھور گھور کر دیکھ رہی تھی۔ وہ چاہتی تھی کہ یہ دوبارہ بجے۔ بلکہ وہ نہیں چاہتی تھی کہ یہ دوبارہ بجے۔ وہ کیا چاہتی تھی وہ نہیں جانتی تھی؟ حقیقت تو یہ ہے کہ وہ کچھ بھی نہیں چاہتی تھی۔ وہ چاہتی تھی کہ قیامت برپا ہو جائے اور سارا کچھ تہس نہس ہو کر رہ جائے۔ اس کے دل میں پہلی مرتبہ اس عجیب و غریب خواہش نے جنم لیا تھا۔ 
سکندر کا خیال اسے خود اپنے بچپن میں لے گیا۔ کرنل انکل اور آنٹی میری پھر ایک بار اس کی آنکھوں کے سامنے آ گئے۔ جب وہ سکندر کی طرح ایک ننھاسا چراغ تھی، اس کے ماں باپ کے درمیان طلاق ہو گئی اور اپنی کم عمری کے باعث اسے ماں نے اپنے پاس رکھ لیا اور اپنے ساتھ لے کر قطر سے مراقش لوٹ گئی۔ لیکن اس حادثے کو ابھی زیادہ عرصہ نہیں گزرا تھا کہ ماں کا نکاح ثانی ہو گیا اور ایک نئے گھر میں اس ننھی سی جان کے لئے زمین تنگ ہو گئی۔ ویسے گھر تو بہت بڑا تھا لیکن ننھی سمیہ دل کی تنگی کا شکار ہو گئی تھی۔ اس کی ماں نے اپنے سابقہ شوہر سے رابطہ قائم کیا تاکہ سمیہ کو اس کے حوالے کر سکے۔ لیکن قدرت کو یہ بھی منظور نہ تھا۔ اس دوران اس کا باپ اپنے آبائی وطن کوالالمپور میں ایک نئی دلہن کے ساتھ اپنا گھر بسا چکا تھا۔ اس کی نئی ماں اپنے ایک نئے بچے کا انتظار کر رہی تھی۔ اس لئے اس کے پاس کسی پرانے بچے کے لئے نہ وقت تھا اور نہ ضرورت و خواہش
سمیہ اس جہان کی ایک بے ضرورت مخلوق بن کر رہ گئی تھی۔ خیر، اس کے ماں باپ نے اپنی ازدواجی زندگی کو بچانے کی خاطر سمیہ سے کنارہ کشی اختیار کر لی اور اُسے برونئی کی ایک اقامتی درس گاہ میں داخل کر دیا گیا۔ اس کا باپ ہر ماہ سمیہ کے خرچ کی رقم اسکول میں روانہ کر دیتا اور جب کبھی کاروبار کے سلسلے میں برونئی آتا، ایک آدھ دن اپنی بیٹی کو آ کر دیکھ لیتا۔ لیکن یہ سلسلہ بھی زیادہ دنوں تک نہ چل سکا۔ ایک روز سمندر باؤلہ ہو گیا۔ نہ جانے وہ کس پر ناراض تھا۔۔۔ اس کی ماں پر یا اس کے شوہر پر؟ اس کے باپ پر یا اس کی بیوی پر؟ خیر، جس کسی پر بھی وہ ناراض تھا اس نے اپنا غصہ ننھی سمیہ پر اُتارا۔ پانی جب سر سے اُونچا ہونے لگا تو اسکول اور ہاسٹل کو خالی کروا کر سارے بچوں کو ایک راحتی  کیمپ میں پہنچا دیا گیا۔ 
سارے بچوں کے ماں باپ آئے اور اپنے اپنے بچوں کو ساتھ لے گئے۔ لیکن تین بچے ایسے تھے جنھیں لینے کی خاطر کوئی نہیں آیا۔ راحتی  کیمپ کے ذمہ داروں نے سمجھ لیا کہ مبادا ان کے سرپرستوں کو سیلاب کے ریلے نے نگل کر گہرے سمندر میں اگل دیا ہے؟ ورنہ ایسا کون ہو سکتا ہے جو اپنے بچوں کی خبرگیری نہ کرے؟ منتظمین نے سمیہ اور اس کے ساتھ والے بچوں کو ایک یتیم خانے میں داخل کر دیا۔ جہاں سے کرنل انکل اور میری آنٹی نے اسے گود لے لیا۔ وہ دونوں بے اولاد تھے، ریڈ کراس میں کام کرتے تھے۔ ان کا کوئی مستقل ٹھکانہ نہ تھا۔ جہاں کہیں آفت و مصیبت ہوتی، وہاں خانہ بدوشوں کی طرح پہنچ جاتے۔ سمیہ کو ساتھ لے کر در بدر گھومنا نہ تومناسب تھا اور نہ ہی ممکن۔ اس لئے سمیہ پھر سے برطانیہ کے اقامتی درس گاہ میں داخل کر دی گئی۔ لیکن انکل اور آنٹی بدستور اس سے رابطہ میں رہتے۔ تعطیلات کے دوران وہ جہاں کہیں بھی ہوتے، سمیہ ان کے ساتھ ہوتی۔ وہ دونوں اسے بہت اچھے لگتے تھے اور ان دونوں کو بھی وہ بہت اچھی لگتی تھی۔ وہ سب ایک دوسرے کو بہت اچھے لگتے تھے۔ اس لئے کہ ان سب کا ایک دوسرے کے علاوہ کسی سے کوئی رشتہ ناطہ نہیں تھا۔ کرنل انکل، میری آنٹی اور معصوم سمیہ ساری دنیا سے کٹ کر ایک دوسرے سے جڑ گئے تھے۔ 
سمیہ کو اچھی طرح یاد ہے۔۔۔ ایک مرتبہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران وہ انکل اور آنٹی کے ساتھ برازیل کے زلزلہ زدہ علاقے میں راحتی کام کرنے کے لئے گئی ہوئی تھی۔ ان کے ساتھ ساری دنیا سے آئے ہوئے رضاکار کام کر رہے تھے۔ اس لئے کہ زلزلہ کی تباہی بے پناہ تھی۔ شام میں جب وہ اَنکل و آنٹی کے پاس آئی تو ان کے پاس کچھ مہمان بیٹھے ہوئے تھے۔ انکل نے اس کا تعارف کرواتے ہوئے کہا۔ ’’یہ ہماری بیٹی سمیہ ہے۔‘‘
وہاں موجود مہمانوں میں سے ایک نے کہا۔ ’’ہماری۔۔۔ ؟ کیا مطلب؟‘‘
’’مطلب صاف ہے۔ ہم دونوں کی۔‘‘ انکل نے آنٹی کی جانب اشارہ کر کے کہا۔ 
’’لیکن اس میں اور آپ دونوں میں کچھ بھی مشترک نہیں ہے۔ اس کا مخروطی چہرا، بیضوی آنکھیں ، پتلے ہونٹ۔ گورا رنگ، اُونچا قد اور نظافت و نزاکت۔۔۔ میں شرط لگا سکتا ہوں کہ اس کا تعلق مراقش یا الجزائر سے ہے اور آپ دونوں کا۔۔۔ ؟‘‘
’’لیکن تم نے اس کے چہرے پر رکھی ہوئی ناک نہیں دیکھی۔ اس کے بارے میں کیا خیال ہے؟‘‘
وہ شخص خود اپنے جال میں اُلجھ گیا اور بولا۔ ’’اس طرح کی ناک تو شمالی افریقہ میں نہیں پائی جاتی نہ جانے اس کی امی نے۔۔۔ جو یقیناً مسز میری نہیں ہیں۔۔۔ نہ جانے کہاں سے اس ناک کو درآمد کر کے اس کے چہرے پر چسپاں کر دیا۔ اگر کوئی صرف اس کی ناک کو دیکھے تو اس کا ذہن ملیشیا یا انڈونیشیا کی جانب چلا جائے گا۔‘‘
ڈیوڈ نے کہا۔ ’’تم تو بلا کے قیافہ شناس ہو خالد۔ دراصل یہ ہماری گود لی ہوئی بیٹی ہے۔ اس کے بارے میں ہمیں بتایا گیا تھا کہ اس کی امی مراقش اور والد ملیشیا کے ہیں۔ لیکن یہ برونئی کے سیلاب میں ان سے بچھڑ گئی اور ہم نے اسے اپنا لیا۔ اب نہ جانے وہ دونوں کہاں ہیں ؟ بلکہ میں یقین کے ساتھ نہیں کہہ سکتا کہ وہ حیات بھی ہیں یا نہیں ؟‘‘
سمیہ بولی۔ ’’میرا دل کہتا ہے کہ وہ زندہ ہیں ، لیکن میں نہیں جانتی کہ وہ کہاں اور کیسے ہیں ؟‘‘
’’اور وہ بھی نہیں جانتے کہ تم کہاں ہو اور کس حال میں ہو؟‘‘ اس شخص نے کہا۔ 
’’جی ہاں۔۔۔ آپ صحیح کہہ رہے ہیں۔‘‘
’’اگر ایسا ہے تو تم لوگ ایک دوسرے کے لئے مر چکے ہو۔ ان کے لئے تم اور تمہارے لئے وہ! اس لئے کہ ہمارا اور آپ کا بھی یہی عقیدہ ہے کہ موت کے بعد بھی انسان مرتا نہیں ہے۔ لیکن اپنوں سے بچھڑ جاتا ہے۔‘‘
آنٹی کو خالد کی بات پر غصہ آگیا۔ وہ بولی۔ ’’میں تو آپ کو سمجھدار آدمی سمجھتی تھی، لیکن آپ نے یہ کیا موضوع چھیڑ دیا۔ کیا آپ لوگ اس کے علاوہ کسی اور موضوع پر بات نہیں کر سکتے؟‘‘
خالد بولا۔ ’’میں آپ کی دلآزاری کے لئے معذرت چاہتا ہوں۔‘‘
’’مجھ سے نہیں بلکہ اس لڑکی سے معافی مانگئے۔‘‘ آنٹی میری کا غصہ ابھی سرد نہیں ہوا تھا۔ 
سمیہ بولی۔ ’’نہیں اس کی ضرورت نہیں۔ حقیقت وہی ہے جو آپ نے کہی ہے۔ ہمارے تسلیم کرنے یا نہ کرنے سے حقائق تو نہیں بدل جاتے۔‘‘
’’ویسے میں معذرت چاہتا ہوں۔‘‘ یہ کہہ کر وہ شخص چلتا بنا۔ سچ تو یہ ہے کہ سمیہ کو اس کی بات بہت بُری لگی تھی۔ 
ایک ہفتہ بعد سمیہ بھی واپس اپنے ہاسٹل میں آ گئی اور دوسرے ہی دن اُسے انکل نے فون پر بتایا کہ تمہاری آنٹی میری کا گزشتہ رات انتقال ہو گیا اور اسے برازیل ہی میں زلزلہ زدگان کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد انکل ڈیوڈ ٹوٹ گئے۔ یہ ان کا آخری مشن تھا۔ انہوں نے ریڈ کراس سے استعفیٰ دے دیا اور گھر بیٹھ رہے۔ فوج سے ملنے والا وظیفہ اس قدر تھا کہ اس سے باپ بیٹی کا گزارہ ہو جاتا تھا۔ تعلیم ختم کرنے کے بعد سمیہ ملازمت کی خاطر قطر آ گئی اور یہاں پر خضر حیات خان کے ساتھ شادی کر کے اپنا گھر بسا لیا۔ ویسے اس کا انکل ڈیوڈ سے رابطہ بدستور قائم رہا۔ اُس نے کئی بار اَنکل کو یہاں آنے دعوت دی اور وہ ہر بار ٹال گئے اور اس بار انہوں نے بن بلائے آنے کا فیصلہ کر لیا۔ لیکن کیسے نازک وقت میں وہ آ رہے تھے، اس سوال پر وہ غور ہی کر رہی تھی کہ دوبارہ فون کی گھنٹی بجی۔ 
’’ہیلو سمیہ بی بی۔‘‘ اس بار پھر سامنے چھمیہ تھی۔ ’’کیا آپ کو ثریا سے رابطہ کرنے میں کامیابی ہوئی؟ میں نے تو کئی بار فون لگایا لیکن نہیں لگا۔‘‘
’’اگر تمہارا نہیں لگا تو میرا فون کیسے لگ سکتا ہے؟‘‘ سمیہ بولی۔ ’’اچھا یہ بتاؤ چھمیہ کہ ڈاکٹر کیا کہتے ہیں ؟‘‘
’’ڈاکٹر۔۔۔ ڈاکٹر کو گولی مارئیے بی بی جی۔ یہ پوچھئے کہ سکندر کیا کہتا ہے! میں تو اُس کی آواز ثریا کو سنانا چاہتی تھی۔ لیکن ان کو نہ جانے کیا ہو گیا ہے۔ وہ فون ہی نہیں لے رہی ہیں۔‘‘
’’سکندر کی آواز؟‘‘ سمیہ کو اپنے کانوں پر یقین نہیں آ رہا تھا۔ ’’کیا سکندر بولنے لگا ہے؟ تم مذاق تو نہیں کر رہی ہو چھمیہ؟‘‘
’’مذاق۔۔۔ کیسا مذاق؟ سکندر کو ہوش آگیا ہے۔ وہ ہنس رہا ہے، رو رہا ہے۔ اپنے آپ کھا پی رہا ہے؟‘‘
’’وہ تو ٹھیک ہے لیکن وہ بولتا کیا ہے چھمیہ؟ وہ کیا بولتا ہے؟‘‘
’’وہ۔۔۔ وہ ممی ممی بولتا ہے! اور کیا بولے گا معصوم بچہ۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ بالکل نارمل ہے اور اگر ثریا آ جائے تو وہ سکندر کو اس کے حوالے کر سکتے ہیں ، تاکہ وہ اپنے ساتھ اُسے لے کر جا سکے۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ میں ابھی آ رہی ہوں۔‘‘
’’وہ تو ٹھیک ہے، لیکن اگر ممکن ہو تو ثریا کو بھی اپنے ساتھ لائیے گا۔ ہم اسے روانہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔‘‘
’’ٹھیک ہے چھمیہ۔۔۔ آپ لوگ تیاری کرو اور اس سے پوچھو کہ تمہاری امی کا نام کیا ہے؟‘‘
چھمیہ بولی۔ ’’ٹھیک ہے۔‘‘ وہ سکندر کے پاس آئی جس کے آس پاس ہسپتال بھر کے کھلونوں کا انبار لگا ہوا تھا۔ چھمیہ کو سمیہ کا سوال یاد آگیا۔ اس نے قریب آ کر پوچھا۔ ’’بیٹے سکندر! تمہارا نام کیا ہے؟‘‘
’’چکندر۔ چکندر۔‘‘
’’اور تمہاری امی کا نام۔۔۔ ؟‘‘
’’چمیہ۔ چمیہ۔‘‘
چھمیہ سکندر کے منہ سے اپنا نام سن کر خوشی سے پاگل ہو گئی۔ اس نے سکندر کو سینے سے لگا لیا۔ پہلی بار اس کے دل میں ممتا جاگی تھی۔ اس کے دل میں ایک خواہش نے جنم لیا تھا۔ کاش کہ اس کا بھی کوئی سکندر ہوتا۔ کاش کہ وہ اسے ممی کہتا۔ کاش کہ ثریا کے بجائے وہ سکندر کی ماں ہوتی؟
سمیہ کو اکیلے آتے ہوئے دیکھ کر چھمیہ بولی۔ ’’اوہو بی بی۔۔۔ آپ تنہا آئیں ؟ ثریا کو اپنے ساتھ نہیں لائیں ؟‘‘
سمیہ نے اس کی ایک نہ سنی اور دیوانہ وار سکندر کی جانب دوڑی چلی گئی۔ سکندر نے جیسے ہی سمیہ کو دیکھا، وہ اپنی جگہ پر کھڑا ہو گیا۔ سمیہ نے اُسے اُٹھا کر سینے سے لگا لیا اور نہ جانے کب تک اس کے بوسے لیتی رہی۔ وہ کس قدر ترسی تھی۔ اس کی پیاس تھی کہ بجھتی ہی نہیں تھی۔ 
چھمیہ اس منظر کو حسرت بھری نگاہوں سے دیکھ رہی تھی۔ اسے اپنی ڈائن ساس پر، اپنے احمق شوہر پر اور اپنے آپ پر غصہ آ رہا تھا۔ اس کے باوجود اس نے تہیہ کر لیا تھا کہ شام کی پہلی گاڑی سے اپنے گھر لوٹ جائے گی۔ ان لوگوں کے پاس وہ واپس جائے گی جو اُس کے لئے مر چکے تھے اور اس گھر میں واپس جائے گی جہاں اس کے نام کا فاتحہ پڑھا جا چکا تھا۔ 
کافی دیر کے بعد سمیہ واپس چھمیہ کے پاس آئی تو اس نے پوچھا۔ ’’ثریا کہاں ہے؟ سکندرکی روانگی کے کاغذات پر ڈاکٹر دستخط کر چکے ہیں۔ اسے بلائیے اور میرے سکندرکو لے جائیے۔‘‘
’’اسے بلانا کیا ضروری ہے؟ وہ بے چاری مشکل میں ہے۔ فی الحال نہیں آ سکتی۔‘‘
’’وہ تو ٹھیک ہے لیکن ہم اس بچے کو کسی اور کے حوالے کیسے کر سکتے ہیں ؟‘‘
’’کوئی اور کیا مطلب؟ تم کو ثریا نے بتایا تو تھا۔۔۔ میں سکندر کی ماں ہوں۔‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ انہوں نے کہا تھا۔ لیکن اس سے کیا ہوتا ہے؟ ماں تھوڑے ہی بدل جاتی ہے۔‘‘
’’تم نے سکندر سے اس کی ماں کا نام پوچھا؟‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ وہ تو میرا نام بتلاتا ہے۔ اسے نہ جانے میرا نام کیسے پتہ چل گیا؟‘‘
سمیہ کو چھمیہ کی سادگی پر ہنسی آ گئی۔ وہ بولی۔ ’’اچھا چھمیہ، لیکن تم نے جس فائل سے میرا نام نمبر نکالا، اس پر سکندر کی ماں کا نام لکھا تھا؟‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ جی ہاں اس پر بھی؟‘‘ چھمیہ تذبذب کا شکار ہو گئی تھی۔ 
سمیہ نے کہا۔ ’’چھمیہ میں پوچھ رہی ہوں اس فائل میں سکندر کی ماں کا نام پڑھا تھا تم نے؟‘‘
’’جی نہیں !‘‘ چھمیہ نے گھبرا کر جواب دیا۔ 
’’اچھا۔۔۔ تو ایک بار پھر پڑھ کر دیکھو۔‘‘
چھمیہ شرمندہ ہو گئی اور بولی۔ ’’معاف کرنا۔۔۔ یہ بات میرے ذہن سے محو ہو گئی تھی۔ آپ تو واقعی سکندر کی امی ہیں۔ بہت خوب۔۔۔ مبارک ہو آپ کا بیٹا اچھا ہو گیا۔۔۔ بہت بہت مبارک ہو۔ لیکن پھر وہ ثریا کون ہے؟ اس کی پھوپھی ہے؟‘‘
’’جی نہیں۔‘‘
’’خالہ ہے؟‘‘
’’جی نہیں۔‘‘
’’پھر کون ہے؟‘‘
’’امی ہے امی!!‘‘
’’وہ بھی امی۔۔۔ آپ بھی امی؟ یہ کیا ماجرا ہے۔۔۔ ؟؟‘‘
’’وہی جو تم نے سمجھا تھا۔ وہ اصلی امی ہے اور میں جعلی۔ میرا مطلب وہ کام کی ماں ہے اور میں نام کی۔‘‘
چھمیہ کی سمجھ میں کچھ بھی نہیں آ رہا تھا۔ وہ بولی۔ ’’اگر ایسی بات ہے تو میں بھی اس کی امی ہوں۔۔۔ اس لئے جب میں نے اس سے امی کا نام پوچھا تو اس نے میرا نام لیا تھا۔‘‘ چھمیہ کہا تھا۔ 
’’ہاں چھمیہ۔۔۔ میں تمہارا احسان کسی صورت نہیں اُتار سکتی۔ پھر بھی یہ رکھو، یہ تمہارا انعام ہے۔‘‘ سمیہ نے ایک ہزار روپئے کا نوٹ چھمیہ کو تھمایا اور فائل اُٹھا کر سکندر کی جانب چل پڑی۔ 
چھمیہ کو ایسا محسوس ہوا گویا کوئی خوفناک جن اُس کا فرشتہ صفت بچہ اس سے چھین کر اُڑا جا رہا ہے۔ 


۲۱

نہلے پہ دہلا


سکندر کو پا کر سمیہ سب کچھ بھول گئی تھی۔ ثریا کو، صفدر کو، خضر کو۔۔۔ بلکہ اپنے آپ کو بھی۔ سمیہ کو نیا جہان مل گیا تھا، نئی زندگی مل گئی تھی اور اس میں جو کمی رہ گئی تھی اسے کرنل اَنکل کی آمد نے پوری کر دی تھی۔ اسے اپنا ماضی اور مستقبل ایک ساتھ مل گئے تھے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ خضر کہاں ہے، سمیہ نے کہہ دیا کہ وہ کاروباری دورے پر بیرونِ ملک گیا ہوا ہے۔ وہ سوچ رہی تھی کہ دو چار دن کی بات ہے، اَنکل واپس لوٹ جائیں گے۔ اس لئے کیوں نہ اس بات کو صیغۂ راز میں رکھا جائے، ورنہ انہیں گہرا صدمہ پہنچے گا۔ 
صبح ناشتے سے فارغ ہو کر انکل اخبار دیکھ رہے تھے اور سمیہ باورچی خانے میں دوپہر کے کھانے کی تیاری میں لگ گئی تھی۔ سکندر اخبار کے ان ضمیموں سے کھیل رہا، بلکہ پھاڑ رہا تھا جن میں کرنل ڈیوڈ کو کوئی دلچسپی نہیں تھی، کہ اچانک فون کی گھنٹی بجی۔ کرنل صاحب نے فون اُٹھا کر اپنی گرجدار آواز میں کہا۔ ’’ہیلو!‘‘
سامنے سے آواز آئی۔ ’’کون بول رہا ہے؟‘‘
’’آپ یہ بتلائیں کہ کس سے بات کرنا چاہتے ہیں ؟‘‘
’’یہ میرے سوال کا جواب نہیں ہے؟‘‘
’’میں آپ کے سوال کا جواب دینے کا پابند نہیں ہوں۔‘‘
’’یہ کیا بدتمیزی ہے؟‘‘
’’یہ سوال تو مجھے کرنا چاہیے۔‘‘ کرنل صاحب ترکی بہ ترکی جواب دئیے جا رہے تھے۔ 
’’سمیہ کو بلاؤ ورنہ میں فون رکھ دوں گا۔‘‘
’’اگر آپ فون رکھنا چاہیں تو یہ آپ کی مرضی ہے۔ لیکن میں اُس وقت تک نہیں بلاؤں گا جب تک آپ اپنا تعارف نہیں کراتے۔‘‘
’’میرا نام وکیل جلول جلال ہے۔ میرا وقت ضائع نہ کرو۔‘‘
’’اپنا وقت تو آپ خود ضائع کر رہے ہیں۔ اگر پہلے ہی اپنا نام بتلا دیتے تو میرا وقت خراب نہ ہوتا۔‘‘
کرنل نے فون میز پر رکھا اور سمیہ کو آواز دی۔ ’’بیٹی۔۔۔ کسی بد دماغ وکیل کا فون ہے۔‘‘
سمیہ دوڑی دوڑی آئی اور بولی۔ ’’ہیلو۔۔۔ جی وکیل صاحب۔۔۔ یہ میرے انکل ہیں ، کرنل انکل۔۔۔ جی ہاں۔۔۔ کئی جنگوں میں شامل رہے ہیں۔۔۔۔ ابھی کل ہی آئے ہیں۔۔۔۔ کیا آج ہی آنا ضروری ہے؟ کل نہیں آ سکتی؟۔۔۔ کوئی بات نہیں ، میں آج ہی آؤں گی۔۔۔ شام چار بجے۔۔۔ ٹھیک ہے۔‘‘
کرنل صاحب نے پوچھا۔ ’’یہ کون وکیل ہے؟ اور کیا ماجرا ہے؟‘‘
سمیہ سٹ پٹا کر بولی۔ ’’کچھ نہیں۔۔۔ میری ایک سہیلی جعلی مقدمے میں پھنس گئی ہے۔ یہ اُس کا وکیل ہے، شاید کسی تعاون کے لئے بلا رہا ہے۔‘‘
’’یہ شخص کسی سیمددمانگنے کا سلیقہ نہیں جانتا۔ میں تو کہوں گا کہ تم اس کے پاس نہ جاؤ۔‘‘
’’میں اُس کے لئے نہیں ، اپنی سہیلی کے لئے جاؤں گی۔ وہ میری بہت ہی خاص دوست ہے۔‘‘
’’سمیہ! شاید تمہیں پتہ نہ ہو۔۔۔ میں فوج میں کورٹ مارشل کیا کرتا تھا۔ میرے پاس باقاعدہ قانون کی ڈگری ہے۔ لیکن فوج سے نکلنے کے بعد میں نے ریڈ کراس کا راستہ لیا۔ اس لئے فوجداری عدالت میں کبھی وکالت نہیں کی۔ لیکن اس سے کو ئی فرق نہیں پڑتا ہے میں تمہاری سہیلی کو چھڑا لوں گا تم فکر نہ کرو۔‘‘
’’نہیں اَنکل۔۔۔ اس کی ضرورت نہیں۔ آپ کہاں پریشان ہوں گے۔ یہاں کے قاعدے قوانین کو پڑھنا اور پھر عدالت کے دھکے کھانا! چھوڑئیے اس عمر میں آپ کہاں ان جھمیلوں میں پڑیں گے؟‘‘
کرنل صاحب نے ایک زوردار قہقہہ لگا کر کہا۔ ’’اوہو۔۔۔ لگتا ہے تم بھی اپنی آنٹی کی طرح مجھے بوڑھا سمجھتی ہو۔ لیکن دیکھو، یہ بات صحیح نہیں ہے۔ کیا سمجھیں ؟‘‘
’’سمجھ گئی انکل، سب سمجھ گئی۔ اب میں کھانا بنانے جاتی ہوں ، آپ اپنے نواسے کو سنبھالیں۔‘‘
وکیل جلول جلال نے سارے زخم ہرے کر دیے تھے، لیکن سمیہ نے اُنہیں چھپانے کی خاطر اپنے چہرے پرمسکراہٹ کا غازہ مل لیا تھا۔ کرنل ڈیوڈ کھانے کے بعد قیلولہ فرما رہے تھے۔ سمیہ نے سوچا کہ وکیل جلول جلال سے مل کر لوٹ آنے کے لیے یہ موقعہ غنیمت ہے۔ لیکن جب وہ غسل خانے سے نکل کر آئی تو کیا دیکھتی ہے کہ کرنل صاحب ہاتھ میں اپنی چھڑی لے کر تیار کھڑے ہیں۔ سمیہ نے پوچھا۔ ’’انکل کہاں کی تیاری ہے؟‘‘
’’اوہو۔۔۔ تم بھول گئیں شاید؟ اُس احمق وکیل سے چار بجے ملنے کا وعدہ جو کیا تھا۔‘‘
’’مجھے یاد ہے۔ میں ہو آؤں گی۔ آپ آرام کریں۔‘‘
’’میں سوچ رہا تھا اگر میں بھی چلوں تو کچھ تفریح بھی ہو جائے گی۔ کل سے گھر کے اندر محصور سا ہو کر رہ گیا ہوں۔‘‘
سمیہ گھبرا گئی۔ اَب اِس نئے مسئلے کا کیا کرے؟ سمیہانکل سے جس قدر باتیں چھپانے کی کوشش کر رہی تھی، وہ اُسی قدر عیاں ہوتی جاتی تھیں۔ 
وہ بولی۔ ’’میرا خیال ہے اگر میرے واپس آنے تک آ پ آرام کریں تو دھوپ بھی کم ہو جائے گی اور پھر ہم لوگ شہر میں باہر نکل جائیں گے۔‘‘
کرنل صاحب نے ناراض ہو کر کہا۔ ’’اگر تمہیں میرے آنے پر اعتراض ہے تو میں یہیں ٹھہر جاتا ہوں ، کوئی بات نہیں۔‘‘ اور پاس پڑی کرسی پر بیٹھ گئے۔ 
’’جی نہیں اَنکل۔ آپ نے غلط سمجھا۔ میں معذرت چاہتی ہوں۔ آپ چلیں میرے ساتھ۔۔۔ ضرور چلیں۔‘‘





وکیل جلول جلال نے کرنل صاحب کو دیکھا تو ناراضگی سے بولا۔ ’’یہ بزرگوار کون ہیں ؟‘‘
سمیہ بولی۔ ’’یہ میرے انکل ہیں۔‘‘
’’اِن کا آنا ضروری تھا؟‘‘
کرنل صاحب نے کہا۔ ’’جی ہاں ! صبح فون پر بات کرنے کے بعد میں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ آپ جیسے آدمی کے پاس میں اپنی بیٹی کو تنہا نہیں بھیج سکتا۔‘‘
’’اوہو۔۔۔ تو فون پر آپ ہی تھے؟‘‘
’’جی ہاں ! آپ نے پہچاننے میں تاخیر کر دی، جو اچھے وکیل ہونے کی علامت نہیں ہے۔‘‘
’’مجھے اپنی قابلیت ثابت کرنے کے لئے آپ کے سپاس نامے کی چنداں ضرورت نہیں۔‘‘
’’جن وکلاء کو مؤکل کی ضرورت نہیں ہوتی، کچھ عرصے بعد مؤکل بھی ایسے وکلاء سے بے نیاز ہو جاتے ہیں۔‘‘
’’آپ دھمکی تو نہیں دے رہے؟‘‘
’’جی نہیں۔ میں حقیقتِ حال سے آپ کو واقف کرا رہا ہوں۔‘‘
سمیہ اُن کی گفتگو سے محظوظ ہو رہی تھی کہ وکیل جلول جلال بولا۔ ’’اب کام کی بات ہو جائے۔‘‘
’’جی ہاں ضرور۔‘‘ سمیہ نے جواب دیا۔ 
وکیل جلول جلال نے کہا۔ ’’میں نے یہ مقدمہ لے کر غلطی کی۔ اس میں میرا مؤکل مجھ ہی سے حقیقت چھپانے کا مرتکب ہو رہا ہے۔ پہلے صفدر نے مجھے بتلائے بغیر ٹکٹ بنایا اور پھر مجھ کو اعتماد میں لیے بغیر جرم کا اعتراف کر لیا۔ ثریا۔۔۔ جس کو میں ستی ساوتری سمجھتا تھا۔۔۔ وہ بھی قلندر کی ساتھی نکلی اور ان دونوں نے مجھے قلندر کی ہوا بھی لگنے نہیں دی۔ میری اس بار جس قدر رُسوائی ہوئی، پہلے کبھی بھی نہیں ہوئی تھی۔‘‘
’’دیکھئے جناب۔۔۔ صفدر اور ثریا کے مطابق، ٹکٹ اور قلندر دونوں نقلی ہیں۔ آپ اُنہیں جعلی ثابت نہیں کر پائے، اور اپنی کوتاہی کا اعتراف کرنے کے بجائے اُن دونوں کو قصوروار ٹھہرا رہے ہیں۔ جبکہ وہ بے چارے نا کر دہ گناہوں کی سزا پا رہے ہیں۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو گویا یہ میری کوتاہی ہے۔‘‘ وکیل جلول جلال نے اُکھڑ کر کہا۔ 
’’جی ہاں۔۔۔ میں تو یہی سمجھتی ہوں۔‘‘
وکیل بولا۔ ’’صفدر نے اعتراف کر کے میرے ہاتھ باندھ دئیے۔ کیا یہ بھی میرا قصور ہے؟ اگر کوئی ملزم اپنے وکیل کو بغیر بتائے اتنا بڑا فیصلہ کر لے تو ایسے میں کیا کیا جا سکتا ہے؟‘‘
کرنل ڈیوڈ کو کچھ بھی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا، لیکن اس کے باوجود ان کی دلچسپی میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا تھا۔ خاص طور پر سمیہ کے منہ توڑ جواب سے وہ خاصے لطف اندوز ہوئے تھے۔ 
سمیہ بولی۔ ’’وکیل صاحب! سچ تو یہ ہے کہ صفدر پولیس والوں سے ڈر گیا اور چونکہ آپ پر سے اُس کا اعتماد اُٹھ گیا تھا، اس لئے اس نے یہ انتہائی اقدام کر ڈالا۔‘‘
’’مجھ پر۔۔۔ وکیل جلول جلال پر اگر کوئی بھروسہ نہ کرے تو اسے پھانسی چڑھ جانا چاہیے۔‘‘
’’جی نہیں وکیل صاحب۔۔۔ وہ آپ کا مؤکل ہے اور آپ جانتے ہیں کہ وہ بے قصور ہے۔ آپ کے مشورے پر اس کے خلاف مقدمہ قائم ہوا ہے۔ اس لئے اسے بچانا آپ کی ذمہ داری ہے، بلکہ اگر وہ مجرم ہو تب بھی آپ کو اُسے پھانسی کے پھندے سے بچانے کی کوشش کرنا چاہیے۔‘‘
کرنل صاحب کے لئے یہ انکشاف بھی دلچسپ تھا۔ ایک وکیل نے اپنے ہی مؤکل کے خلاف مقدمہ قائم کروا دیا۔ 
’’لیکن اُسے اِس قدر انتہائی اقدام کرنے سے پہلے مجھ سے مشورہ تو لینا چاہیے تھا۔‘‘
’’دیکھئے وکیل صاحب۔۔۔ ہم سب اِس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ آپ کو اپنے وقار کی فکر ملزم کی حالتِ زار سے زیادہ ہے۔ آپ کے لیے صفدر کو بچانا ثانوی درجہ میں آتا ہے اور  اپنی گرتی ہوئی ساکھ بچانا اوّلین ترجیح ہے۔ نیز آپ یہ بھول رہے ہیں کہ ایک نہیں۔۔۔ دو مرتبہ آپ وعدہ کرنے کے باوجود اس کی ضمانت تک نہیں کروا سکے ہیں۔ اس کے باوجود آپ اس سے توقع کرتے ہیں کہ وہ آپ پر اعتماد کرے؟‘‘
وکیل جلول جلال سمیہ کو احساسِ جرم کا شکار کر کے اپنی بات منوانا چاہتا تھا، لیکن وہ تو کسی اور ہی موڈ میں تھی۔ ہر بات کے لئے اُسی کو موردِ الزام ٹھہرا رہی تھی۔ اس صورتحال نے وکیل جلول جلال کو بوکھلا دیا۔ وہ بولا۔ ’’اس قضیہ پر اب میں مزید بحث نہیں کرنا چاہتا۔ اس صورتحال سے نکلنے کی اب واحد صورت یہ ہے کہ تم عدالت میں اعتراف کر لو، جس سے وہ دونوں رہا ہو جائیں اور تمہاری مراد پوری ہو جائے۔‘‘
وکیل جلول جلال کی اس تجویز نے کرنل صاحب کے ہوش اُڑا دیئے۔ اس لئے کہ اب معاملہ گھوم کر سمیہ کی جانب آگیا تھا۔ وہ دیکھنا چاہتے تھے کہ سمیہ اب کیا جواب دیتی ہے۔ 
سمیہ نے پہاڑ جیسے اعتماد کے ساتھ جواب دیا۔ ’’میں ایسا نہیں کر سکتی۔‘‘
’’کیا۔۔۔ ؟ تم ایسا نہیں کر سکتیں ؟ تم اپنے وعدے سے پھر رہی ہو؟ اب میری سمجھ میں سارا معاملہ آگیا۔ تم ظفر سے ملی ہوئی ہو اور تم دونوں نے مل کر صفدر اور ثریا کو پھنسانے کا منصوبہ بنایا، نیز اس سازش میں مجھے بلی کا بکرا بنایا گیا۔ لیکن میں وکیل جلول جلال ہوں۔۔۔ تم مجھے نہیں جانتیں۔ میں ایسا نہیں ہونے دوں گا۔‘‘
کرنل صاحب کو وکیل کی دھمکی پر طیش آگیا۔ بڑی مشکل سے انہوں نے اپنے آپ کو قابو میں رکھا۔ وہ معاملے کی تہہ تک پہنچنا چاہتے تھے اور اس کے لئے صبر ضروری تھا۔ 
سمیہ بولی۔ ’’وکیل صاحب۔۔۔ آپ کی یادداشت بہت ہی کمزور ہے۔ آپ بھول رہے ہیں یہ منصوبہ کسی اور کا نہیں ، آپ کا بنایا ہوا ہے۔ جس وقت یہ بن رہا تھا، ظفر کے فرشتوں کو بھی اس کا علم نہیں تھا۔ اب آپ اس کا الزام مجھ پر اور اس پر مڑھ رہے ہیں ! آپ کو ایسا کرنے سے پہلے کچھ سوچنا چاہیے۔‘‘
’’اگر یہ بات صحیح بھی ہے تو اس کا محرک تم اور تمہاری خواہش تھی۔ تم خود یہی چاہتی تھیں اور تم خود بہ رضا و رغبت اس میں شامل ہوئی تھیں۔‘‘
کرنل صاحب کے لئے یہ سب ایک طلسمی داستان جیسا تھا۔ سمیہ بولی۔ ’’جی ہاں۔ آج آپ نے یہ پہلی بات صحیح کہی ہے۔ لیکن آپ کو یہ تسلیم کرنا ہو گا کہ اس ایک جملے میں ’تھی‘ لفظ تین بار آیا ہے۔ اب یہ ماضی کی داستان ہے۔ اس وقت کی بات مختلف تھی اور آج کی بات مختلف ہے۔ اُس وقت میں مرنا چاہتی تھی اور اب میں زندہ رہنا چاہتی ہوں۔ اگر آپ اپنے وعدے کے مطابق مجھے ایک ماہ کے اندر سزا دلوا چکے ہوتے تو اب تک مجھے پھانسی کی سزا ہو چکی ہوتی اور اس بحث کی نوبت ہی نہ آتی۔ لیکن گزشتہ تین ماہ سے آپ اپنے سارے منصوبوں میں ناکام رہے ہیں۔ اس لئے یہ نئی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ اب کوئی ایسا راستہ نکالئے کہ وہ دونوں بھی بچ جائیں اور مجھ پر بھی کوئی آنچ نہ آئے۔‘‘
سمیہ کی بات سن کر وکیل جلول جلال کے ہوش اُڑ گئے۔ اس نے میز کی دراز کے اندر رکھا ہو پستول نکال کر درمیان میں رکھ دیا اور کہا۔ ’’اَب ایک ہی راستہ باقی ہے۔ یا تو تم مجھے گولی مار دو یا میں تمہیں گولی مار دوں۔ تیسرا کوئی متبادل نہیں ہے۔‘‘
کرنل کے لئے یہ نئی صورتحال ناقابلِ برداشت ہو گئی۔ انہوں نے جیب سے رُومال نکالا۔  پھر اُس کو ہتھیلی پر رکھ کر پستول اُٹھایا اور بولے۔ ’’اوئے بیوقوف بات سن! وکیل زبان چلاتے ہیں گولی نہیں !! یہ تو فوجیوں کے کھیلنے کی چیز ہے۔ کیا سمجھا؟ تیرا پہلا متبادل اچھا ہے۔ لیکن اس سے قبل تو اس کاغذ پر ایک سطر لکھ کر دستخط کر دے کہ میں راضی خوشی خودکشی کر رہا ہوں اور اس حرکت کے لئے کوئی اور ذمہ دار نہیں ہے۔ پھر تجھے میں گولی مار دیتا ہوں۔ اس سے یہ ہو گا کہ کل تیری لاش کی تصویر کے ساتھ یہ تحریر بھی اخبار میں چھپ جائے گی اور قصہ تمام ہو جائے گا۔ پولیس اور عدلیہ بھی ہر قسم کی زحمت سے بچ جائیں گے۔‘‘
’’سمیہ۔۔۔ یہ تم کس آدمی کو اپنے ساتھ لے آئی ہو۔ یہ انسان ہے یا جلّاد؟‘‘ وکیل جلول جلال کے پیروں تلے سے زمین کھسک گئی تھی۔ اُس کا آخری حربہ بھی ناکام ہو چکا تھا۔ 
اِس سے پہلے کہ سمیہ کچھ بولتی، کرنل نے کہا۔ ’’میں پوری بات تو سمجھ نہیں سکا، لیکن اتنا ضرور جان گیا ہوں کہ تو سمیہ کا نہیں بلکہ اس کے مخالف فریق کا وکیل ہے۔ اگر کل کے اخبار میں اس تصویر کے ساتھ جو میرے فون کیمرہ میں محفوظ ہے، یہ خبر شائع ہو جائے کہ ایک وکیل اپنے فریقِ مخالف کو گھر بلا کر پستول کی مدد سے دھمکا رہا تھا اور بلیک میل کر رہا تھا تو اس کے بعد تیرے پاس خودکشی کے علاوہ کوئی اور چارۂ کار نہ ہو گا۔ لیکن خودکشی کرنے کے لئے تجھے ایک اور پستول کا بندو بست کرنا ہو گا۔ اس لئے کہ اِس کو ہم اپنے ساتھ لیے جا رہے ہیں۔ کیا سمجھا؟‘‘
وکیل جلول جلال کی آنکھوں کے آگے اندھیرا چھا گیا تھا۔ 
راستے میں سمیہ نے پوچھا۔ ’’انکل۔۔۔ آپ نے اس کا پستول اپنے ساتھ کیوں لے لیا؟‘‘
’’بیٹی! یہ تو ضروری تھا۔ اگر وہ ہمارے پیچھے سے گولی چلا دیتا تو ہمارا کام تمام ہی ہو جاتا، اور پھر یہ نہ بھولو کہ اس پستول پر اس کی اُنگلیوں کے نشان موجود ہیں۔ اس لئے اس پستول کو کسی بھی وقت عدالت کے اندر اس کے خلاف ثبوت کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔‘‘

سمیہ مسکرا کر بولی۔ ’’میں تو سمجھتی تھی کہ آپ فوج میں تھے، لیکن اب پتہ چلا۔۔۔ آپ سراغ رسانی بھی کرتے تھے۔‘‘
’’اِس میں کوئی حیرت کی بات نہیں کیوں کہ۔۔۔‘‘ کرنل صاحب نے جواب دیا۔ ’’۔۔۔ اکثر جاسوس فوجی ہوتے ہیں۔ لیکن تم جس طرح سے اُسے جواب دے رہی تھیں ، اُسے دیکھ کر مجھے اندازہ ہوا کہ مجھے چاہئے تھا کہ میں تمہیں وکالت کی تعلیم دلواتا۔ ویسے اب بھی دیر نہیں ہوئی ہے۔ تم کوشش کر سکتی ہو۔‘‘
’’لیکن اب یہ بیوقوف وکیل کیا کرے گا؟‘‘
’’کچھ نہیں ! یہ اپنی ذلت وپسپائی کو تسلیم کر لے گا اور اپنا وکالت نامہ واپس لے کر مقدمے سے بھاگ کھڑا ہو گا۔‘‘
’’اور جو بے قصور لوگ جیل میں ہیں ، اُن کا کیا ہو گا؟‘‘
’’میں اُن کی پیروی کروں گا۔ اگر تم مجھے ساری تفصیل سے آگاہ کر دو۔‘‘
’’میں ایسا کرتی ہوں کہ خضر کی ڈائری آپ کے حوالے کر دیتی ہوں ، جسے خود میں نے کبھی نہیں پڑھا اور اپنی کہانی خود سنا دیتی ہوں۔ میرا خیال ہے یہ کافی ہو گا؟‘‘
’’ہاں۔۔۔ تمہارا خیال دُرست ہے۔‘‘


۲۲

خضر حیات خان


’’بولو ثریا۔۔۔ جلدی جلدی بولو؟‘‘ خضر اپنے منیجنگ ڈائریکٹر کی سکریٹری ثریا کے ساتھ فون پر بات کر رہا تھا۔ 
ثریا بولی۔ ’’کیوں ، بڑے مصروف لگ رہے ہو؟‘‘
’’یہی سمجھ لو۔۔۔ بولو۔۔۔ کیسے یاد کیا؟‘‘
’’کیسے یاد کیا جاتا ہے؟ کیا یاد کرنے کا بھی کوئی مخصوص طریقہ ہوتا ہے؟ بس یوں ہی سمجھ لو۔‘‘
خضر نے بِھنّا کر کہا۔ ’’ثریا! لگتا ہے تمہارے پاس کرنے کے لئے کوئی کام نہیں ہے؟‘‘
’’جی ہاں۔ یہ سچ ہے اور مجھے پتہ ہے کہ تم بھی کوئی بہت زیادہ مصروف نہیں ہو۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ یہ تمہیں کیسے پتہ چل گیا؟ اگر کسی نجومی نے اطلاع دی ہے تو میرا مشورہ ہے اس پر اعتبار کرنا بند کر دو۔‘‘
’’مسئلہ نجومی پر بھروسہ کرنے یا نہ کرنے کا نہیں ہے، بلکہ اِس وقت کمپنی کے سب سے زیادہ قابلِ اعتماد ملازم خضر حیات کے اعتبار پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے؟‘‘
’’تو نہ کرو! اعتماد کرنے کے لئے تمہیں کون کہہ رہا ہے؟‘‘
’’کیسی باتیں کہتے ہو خضر؟ جس دن تم پر سے اعتبار اُٹھ جائے گا، اُس روز تو اپنے آپ پر بھی اعتماد باقی نہیں رہے گا۔ یہ زندگی بے معنی ہو کر رہ جائے گی۔‘‘
’’ثریا۔۔۔ مجھ کو تمہاری یہ پہیلیاں کبھی بھی سمجھ میں نہیں آئیں گی۔ اس لئے اس سے پہلے کہ منیجر صاحب اپنے کمرے میں بلوا بھیجیں ، جلدی سے بتاؤ کہ فون کیوں کیا تھا؟‘‘
’’میں تمہیں بتلا چکی ہوں کہ میں نے بس یوں ہی فون کیا تھا، لیکن تم مانو تب نا؟ تم نے آج تک میری کوئی بات مانی بھی ہے؟‘‘
’’دیکھو ثریا۔۔۔ چپراسی سامنے سے چلا آ رہا ہے۔ لگتا ہے صاحب نے بلوا لیا ہے۔‘‘
’’ناممکن۔۔۔ یہ ہو ہی نہیں سکتا۔‘‘
’’کیوں نہیں ہو سکتا؟ یہاں سے چالیس کلومیٹر دُور صدر دفتر میں بیٹھے تمہیں کیسے پتہ چل گیا کہ باس بلوا نہیں سکتا؟‘‘
’’جیسے بھی پتہ چل گیا۔۔۔ اس سے تم کو کیا؟‘‘
خضر نے فون پر کہا۔ ’’اچھا دو منٹ رُکو۔‘‘ اور پھر میز کے سامنے با ادب کھڑے ہوئے صفدر سے پوچھا۔ ’’کیوں صاحب نے بلایا ہے کیا؟‘‘
صفدر نے نفی میں سر ہلایا اور سعادت مندی کے ساتھ منہ لٹکا کر کرسی پر بیٹھ گیا۔ 
د’وسری جانب سے ثریا منہ بنا کر بولی۔ ’’کیوں ہو گئی نا تصدیق کہ میں جھوٹ نہیں بول رہی ہوں۔‘‘
’’بھئی ثریا! میں نے کب تمہیں جھوٹا کہا ہے۔ تم تو بلاوجہ بُرا مان گئیں۔‘‘
’’یہ صحیح ہے خضر کہ تم نے کبھی بھی اپنی زبان سے مجھے جھوٹا نہیں کہا۔ مگر یہ بھی اپنی جگہ ایک حقیقت ہے کہ تم نے مجھے کبھی بھی سچا نہیں سمجھا۔‘‘
’’اوہو ثریا۔۔۔ غلطی ہو گئی۔ میں معافی چاہتا ہوں۔ اچھا خیر۔۔۔ یہ بتلاؤ تم نے کیوں کر اس یقین کے ساتھ کہا کہ باس نے نہیں بلایا؟ دراصل معمول کے مطابق یہ ان کے بلانے کا وقت ہے اور جب کبھی ان کا دیا ہوا کام مجھ سے ختم نہیں ہوتا، وہ بلاتے ہی بلاتے ہیں۔‘‘ خضر نے بات بدلنے کوشش کی اور اس میں کامیاب ہو گیا۔ 
ثریا نے پھر پہلے کی طرح چہک کر کہا۔ ’’اچھا۔۔۔ ایسا ہے تو بتاؤ کہ سچ سچ بتا دوں یا جھوٹ موٹ بول دوں۔‘‘
’’بھئی ہم نے جھوٹ سچ بولنے والے تو بہت دیکھے، لیکن پوچھنے والا پہلے کبھی نہیں دیکھا۔‘‘
’’اب دیکھ کہاں رہے ہو؟ بس سن رہے ہو، اور وہ بھی بے دلی کے ساتھ۔‘‘
’’ایسا نہیں ہے ثریا! جب تمہارے فون کی گھنٹی بجتی ہے نا۔۔۔ اُسی کے ساتھ چشمِ تصور میں تمہاری تصویر بن جاتی ہے اور پھر تم ہنستی مسکراتی نظر آنے لگتی ہو۔‘‘
صفدر سمجھ گیا یہ کس سے بات ہو رہی ہے اور کتنی لمبی چلنے والی ہے۔ اس لئے وہ اشارے سے اجازت لے کر چلا گیا۔ 
’’جھوٹ۔۔۔ سراسر جھوٹ! مجھے پتہ ہے کہ تم حقیقت میں تو کیا، تصوّر میں بھی میری شکل دیکھنا نہیں چاہتے۔‘‘
’’اچھا! یہ تمہیں کس نے بتلا دیا؟ اُسی نجومی نے تو نہیں جس نے باس کے نہ بلانے کی اطلاع دی تھی؟‘‘
’’یہی سمجھ لو! خیر اب تمہارے پاس مزید دو گھنٹہ کا وقت ہے۔ اس دوران اپنا کام پورا کر لو۔ کیونکہ تمہارے باس یہاں ڈائریکٹر کے کمرے سے نکل کر صدر دروازے کی جانب جا رہے ہیں اور اس ٹرافک میں اُنہیں سائٹ پر پہنچنے میں دو گھنٹہ سے کم نہیں لگے گا۔‘‘
’’اوہو۔۔۔ تو اب سمجھا!‘‘ خضر بولا۔ 
’’جی ہاں اور یہ بھی سمجھ گئے ہوں گے کہ میرے باس یعنی تمہارے ڈائریکٹر جنرل مجھے بلا رہے ہیں۔ چلو خدا حافظ!‘‘
خضر نے اللہ حافظ کہہ کر فون رکھا اور سر پکڑ کر بیٹھ گیا۔ 
صفدر، جو درمیان میں اُٹھ کر جا چکا تھا، سامنے سے چائے کی دو پیالیاں لے کر نمودار ہو گیا اور اس کی میز پر آ کر بیٹھ گیا۔ 
صفدر، خضر اور ثریا۔۔۔ تینوں گولڈن ٹرائینگل کنسٹرکشن کمپنی کے صدر دفتر میں آگے پیچھے کام پر لگے تھے۔ ثریا استقبالیہ میں ہوا کرتی تھی۔ خضر حیات مالک کا دستِ راست تھا اور صفدر چپراسی تھا۔ دو سال ساتھ میں کام کرنے کے بعد پہلے خضر کا اور اس کے چھے ماہ بعد صفدر کا تبادلہ ایک تعمیراتی پراجیکٹ کے سائٹ آفس میں ہو گیا جو قلبِ شہر سے دُور مضافات میں واقع تھا۔ خضر کا تقرر ایڈمنسٹریشن آفیسر کے طور کیا گیا تھا، لیکن عملاً وہ پراجیکٹ منیجر کا نائب تھا۔ صفدر کو چپراسی سے پینٹری انچارج بنا دیا گیا تھا، لیکن اس کا کام بھی وہی پرانا یعنی چائے بنانا اور کاغذات ادھر سے ادھر پہنچانا تھا۔ ثریا کو استقبالیہ سے ہٹا کر ڈائرکٹر جنرل نے اپنا نجی سکریٹری بنا دیا تھا۔ اب اسے دفتر میں آنے والے عام زائرین کا نہیں ، بلکہ مالک کے خاص مہمانوں کا خیال رکھنا پڑتا تھا۔ وہ دن بھر اپنے باس کے فون لیا کرتی اور لوگوں کو جھوٹ سچ جواب دیا کرتی تھی۔ ہم عمر ہونے کے باعث ان تینوں میں بڑی چھنتی تھی۔ 
صفدر نے چائے کی چسکی لیتے ہوئے کہا۔ ’’کیوں خضر! آج کے میچ کے بارے میں تمہارا کیا خیال ہے؟‘‘
’’کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ یہ کھیل ہے۔۔۔ کوئی جیتے گا اور کوئی ہارے گا۔‘‘ یہ کہہ کر خضر نے چائے کا کپ اُٹھایا اور نظریں کمپیوٹر کے پردے پر گاڑ دیں۔ 
صفدر کو خضر کا رُوکھا سوکھا جواب پسند نہیں آیا۔ اُس نے سوچا کہ شاید وہ مقامی ٹیم کی کارکردگی سے مایوس ہو گیا ہے۔ مبصرین و ماہرین کی آراء نے اسے قنوطیت کا شکار کر دیا ہے؟
وہ بولا۔ ’’یار۔۔۔ دُنیا بھر کی ٹیموں پر تو تم گھنٹوں بے تکان تبصرہ کرتے ہو اور آج جبکہ ہماری اپنی ٹیم ملت کے سب سے بڑے سیاسی دشمن کے خلاف میدان میں اُتر رہی ہے۔۔۔ مقابلے سے تمہاری یہ بے رخی ناقابلِ فہم ہے؟‘‘
’’کیا ہر بات کا سمجھنا ضروری ہے؟‘‘ خضر نے بات کو ٹالتے ہوئے کہا۔ 
’’جی نہیں ! میرے لئے تو اس دفتر کی کسی بات کو بھی سمجھنا ضروری نہیں ہے اور میں اس کی کوشش بھی نہیں کرتا ہوں۔ میرا کام تو بس سننا اور ماننا ہے، سو میں کرتا رہتا ہوں۔‘‘
’’اگر ایسا ہے تو جاؤ اپنا کام کرو اور مجھے بھی کام کرنے دو۔ کیا سمجھے؟‘‘
’’ہاں ہاں۔۔۔ سمجھ گیا۔ اب چائے ختم کر کے جاؤں یا ساتھ لے کر چلا جاؤں ؟‘‘ صفدر نے ناراضگی سے پوچھا۔ 
’’ارے بھئی تم تو بُرا مان گئے؟ تم کو یہاں سے بھگا کون رہا ہے؟ میں تو صرف یہ کہہ رہا تھا کہ خاموشی سے چائے پیو اور مجھے اپنا کام کرنے دو۔‘‘
’’اگر یہاں بیٹھنے کے لئے خاموش رہنے کی شرط ہے تو میں کیوں نہ پینٹری میں اپنا ریڈیو چلا کر چائے کا مزہ لوں۔‘‘
’’اچھا بابا۔۔۔ میں نے شرط ہٹا لی۔ ثریا اور تم دونوں ایک جیسے ہو۔ ہمیشہ ہی مجھ سے اپنی بات منوا لیتے ہو۔ خیر بولو۔۔۔ کیا بات ہے جلدی بولو۔‘‘
’’اگر تم سننا نہیں چاہتے تو میں بولنا بھی نہیں چاہتا۔ لو۔۔۔ میری چائے ختم ہو گئی اور میں چلا۔ کم از کم ریڈیو پر ہی میچ پر گفتگو سن کر دل بہلاؤں گا۔‘‘
’’ارے یار میری سمجھ میں نہیں آتا کہ آخر تمہیں کیا ہو گیا ہے؟ لو۔۔۔ میں نے اپنا کام بند کر دیا۔۔۔ اب بولو۔‘‘
’’ہاں اب ٹھیک ہے۔ اچھا یہ بتاؤ کہ آج دفتر کا ہر آدمی شام میں ہونے والے میچ پر بات کر رہا ہے، بلکہ لوگوں نے کل ملنے والی چھٹی کی منصوبہ بندی بھی شروع کر دی ہے۔ جشن منانے کے نت نئے طریقے سوچے جا رہے ہیں اور تم ہو کہ اس سب سے الگ تھلگ کولہو کے بیل کی طرح اپنے کام میں لگے ہوئے ہو۔‘‘
’’ہاں صفدر۔۔۔ میں احمقوں کی جنت میں نہیں ، حقیقت کی دُنیا میں رہتا ہوں۔ کیا اِن بے وقوفوں نے ماہرین کی رائے نہیں پڑھی؟‘‘
’’کیوں نہیں ؟ وہ تو سبھی اخبارات میں چھپی ہے۔ لیکن ان نام نہاد مبصرین کی بات کا کیا اعتبار؟ تین ماہ قبل جب یہ  ٹیم کوالفائنگ راؤنڈ کھیل رہی تھی تو ان لوگوں نے بڑے اعتماد سے پیشن گوئی کی تھی کہ یہ سب وقت کا زیاں ہے، یہ لوگ کبھی بھی ٹورنامنٹ میں شامل نہیں ہو سکتے۔ لیکن تم نے دیکھا کیا ہوا۔ سارے دلائل بے معنیٰ ٹھہرے اور ہماری ٹیم نہ صرف ٹورنامنٹ میں شامل ہو گئی بلکہ کامیابیوں پر کامیابیاں درج کراتی ہوئی سیمی فائنل تک پہنچ گئی ہے۔‘‘
’’ہاں ہاں ! میں جانتا ہوں۔ تم تو ایسے کہہ رہے ہو جیسے فائنل جیت گئی ہے۔‘‘
’’دیکھو خضر۔۔۔ ہمارے لئے فائنل سے زیادہ اہمیت آج کے میچ کی ہے۔ لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ اگر ہم فائنل بھی جیت گئے تو عام تعطیل کا اعلان نہیں ہو گا۔ لیکن اگر یہ میچ جیت گئے تو یقیناً ہو گا۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ وہ کیوں ؟‘‘
’’تمہیں پتہ ہے آج کا میچ کس کے ساتھ ہے؟ اُس ظالم و جابر ملک کی ٹیم کے ساتھ، جس نے ہمارے بھائی پر فوج کشی کی، ہمیں خود اپنی سرزمین پر رُسوا کیا اور اس کا جشن منایا۔ تمہیں یاد ہے جس روز صدر کا مجسمہ ان کے فوجیوں نے سادہ لباس میں گرایا۔ ہمارے اس پراجیکٹ میں کنسلٹنٹ کے امریکی اہلکار کس قدر خوش ہوئے تھے۔ ان کی آنکھوں سے اور چہرے سے مسرت پھوٹ رہی تھی۔ ان کی نس نس میں کبر و غرور دوڑ رہا تھا۔ آج ہماری ٹیم خود ان کی سر زمین پر اُنہیں ہرا کر اس خواری کا بدلہ لینے والی ہے۔‘‘
’’تمہیں اس کا یقین ہے صفدر؟‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ بے شک! مجھے یقین ہے کہ آج شام ٹیلی ویژن کے پردے پر میں دشمنوں کی آنکھوں کو نم دیکھوں گا۔ ان چہروں پر غم دیکھوں گا، مرجھائے ہوئے پیکر ہوں گے۔۔۔ مایوسی کے منظر ہوں گے۔‘‘
خضر کو صفدر کے اعتماد سے خوف سا محسوس ہونے لگا۔ یہ شخص ایک کھیل کے حوالے سے کس قدر سنجیدہ ہو گیا ہے؟ کھیل تو کھیل ہے، اس میں کچھ بھی ہو سکتا ہے؟ اگر نتائج اس کی توقع کے خلاف نکل آئے تو یہ کس قدر رنجیدہ ہو جائے گا؟ اسی سوچ میں غرق اس نے ایک سوال گول پوسٹ کی جانب اچھال دیا۔ ’’صفدر! تمہیں پورا یقین ہے کہ ایسا ہی ہو گا؟‘‘
صفدر نے ایک ماہر گول کیپر کی طرح اسے لپک لیا اور بولا۔ ’’سچ تو یہ ہے کہ تمہارے علاوہ سارے لوگوں کو یقین ہے کہ ایسا ہی ہو گا۔ میں نہیں جانتا کہ تمہیں کیا ہو گیا ہے؟‘‘
’’تمہیں یہ جاننے کی ضرورت بھی نہیں ہے کہ مجھے کیا ہوا ہے؟ اس لئے کہ مجھے بھی تمہاری طرح صد فیصد یقین ہے کہ شام کو وہی ہو گا جو تم کہہ رہے ہو۔ اسی لئے میں شام سے پہلے اپنے سارے کام نمٹا کر گھر پہنچ جانا چاہتا ہوں۔ میں اس میچ کے ہر ہر لمحے سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔ لیکن تم مجھے اپنا کام ختم کرنے دو تب نا؟ ورنہ لوگ اپنے اپنے گھروں میں کھیل دیکھ رہے ہوں گے اور میں بقول تمہارے کولہو کے بیل کی طرح۔۔۔‘‘
صفدر نے جملہ کاٹ دیا اور بولا۔ ’’یار تم نے یہ بات پہلے کیوں نہیں بتائی؟ اگر ایسا تھا تو میں تمہارا قیمتی وقت کیوں ضائع کرتا؟‘‘
’’خیر، چلو۔۔۔ تم نے ایک ساتھ دو گول کر دئے۔ ایک تو یہ مان لیا کہ میرا وقت قیمتی ہے اور ساتھ ہی یہ بھی تسلیم کر لیا کہ تم اسے ضائع کر رہے تھے۔‘‘
’’ہاں بھئی غلطی ہو گئی۔ اب میں چلتا ہوں۔‘‘


۲۳

داستانِ پارینہ

صفدر واپس جا رہا تھا اور سامنے سے پراجیکٹ منیجر آ رہا تھا۔ خضر سمجھ گیا کہ اس کی شامت آ چکی ہے۔ پی۔ ایم نے ایک لمحے کے لئے رُک کر پوچھا۔ ’’کیوں بھئی! رپورٹ کا کیا حال ہے؟ کہاں تک پہنچی؟ ڈائریکٹر صاحب پوچھ رہے تھے۔ آج کسی بھی صورت اسے روانہ ہونا ہے۔‘‘
خضر اپنی کرسی سے اُٹھ کر بولا۔ ’’صاحب کام چل رہا ہے۔ شام تک رپورٹ چلی جائے گی۔‘‘ یہ دونوں باتیں جھوٹ تھیں۔ کام تو ثریا اور صفدر کی مہربانی سے ابھی تک شروع بھی نہ ہو سکا تھا اور اس کے شام تک ختم ہونے کا کوئی امکان بھی نہیں تھا۔ لیکن اسے یقین تھا اس کا افسر آج اس سے اس رپورٹ کے بارے میں کچھ بھی نہیں پوچھے گا۔ وہ اپنے کمرے میں جا کر یا تو انٹرنیٹ پر میچ کے بارے تبصرے اور پیشن گوئیاں پڑھے گا یا اپنے کسی پسندیدہ انجینئر کو بلوا کر اس کے ساتھ اس بارے میں گپ شپ لڑائے گا، اور یہ ایک فطری امر تھا۔ فٹ بال کا جادو سر چڑھ کر بول رہا تھا۔ ہر کس وناکس اس کے نشہ میں چوُر تھا۔ 
شاذ و نادر ہی ایسا ہوتا تھا کہ تمام لوگ پانچ بجے سے قبل ہی دفتر کی بس میں آ کر بیٹھ جاتے ہوں۔ ویسے بس کے چھوٹنے کا وقت دس منٹ بعد تھا اور کبھی کبھار وہ پندرہ منٹ بعد بھی روانہ ہوتی تھی۔ لیکن اُس دِن کی بات کچھ اور ہی تھی۔ مقامی وقت کے مطابق سات بجے میچ کو شروع ہونا تھا اور ہر کوئی اس سے پہلے اپنے یا کسی ایسے دوست کے گھر پہنچ جانا چاہتا تھا، جہاں پر ٹی۔ وی موجود ہو اور اس پر وہ میچ دیکھ سکے۔ سب کی نظریں دروازے کی جانب لگی ہوئی تھیں۔ خضر باہر کیا نکلا کہ گھڑی نے پانچ بجائے اور سب نے ایک آواز ہو کر نعرہ لگایا۔۔۔ ’’اللہ اکبر‘‘۔ ڈرائیور نے بس کا انجن اسٹارٹ کیا اور وہ غراّنے لگا۔ یہاں تک کہ خضر نے بس میں قدم رکھا اور وہ چل پڑی۔ 
بس جیسے ہی پہلے موڑ سے آگے بڑھی، خضر کے فون کی گھنٹی بجی۔ صفدر بولا۔ 
’’سمیہ بھابی ! لو تمہارا تو میچ شروع ہو گیا۔‘‘
خضر بولا۔ ’’ابے چپ! یہ ثریا کا فون ہے۔‘‘
’’اونہہ! بہت خوب ایک دن میں دُوسری بار۔‘‘
’’یہ فون ذاتی نہیں ، دفتر سے آ رہا ہے اور کتنی بھی مرتبہ آ سکتا ہے۔‘‘
’’اگر ایسا ہے تو بند کر دو۔ دفتر کا وقت ختم ہو چکا ہے۔‘‘
’’تم اپنا کام کرو اور مجھے بات کرنے دو۔ کیا سمجھے؟‘‘
’’سب سمجھ گیا بھائی صاحب۔۔۔ سب کچھ سمجھ گیا۔‘‘
یہ کہہ کر صفدر نے اپنی آنکھیں بند کر لیں ، اس لئے کہ بس کو اس کے گھر تک پہنچنے میں ایک گھنٹہ سے زیادہ ہی لگتا تھا۔ پلکوں کے بند ہوتے ہی ماضی کی ایک حسین کھڑکی کھل گئی۔ اس وقت تک صفدر کا تبادلہ نہیں ہوا تھا، لیکن خضر سائٹ پر بھیجا جا چکا تھا کہ اچانک ایک دن خضر صدر دفتر میں آن دھمکا۔ 
صفدر نے پوچھا۔ ’’کیوں بھائی خیریت تو ہے؟ یہاں کیسے بھٹک کر پہنچ گئے؟‘‘
خضر نے بتلایا۔ ’’کیوں ، میں اب بھی اس کمپنی کا ملازم ہوں۔ تبادلے سے دفتر آنے پر پابندی تو نہیں لگ جاتی؟‘‘
’’ارے بھائی یہ کس نے کہہ دیا؟ بلکہ میں تو اہلاً و سہلاً مرحبا کہہ رہا تھا اور پوچھ رہا تھا کہ کیسے آنا ہوا؟ کیا خدمت کی جائے؟‘‘
خضر بولا۔ ’’یار ایک خبر ہے۔ میں نہیں جانتا کہ اچھی ہے یا بُری ہے۔‘‘
عقب سے ثریا کی آواز آئی۔ ’’اچھی ہی ہو گی؟‘‘
خضر نے مڑ کر کہا۔ ’’اوہو! تمہیں کیسے پتہ کہ اچھی ہی ہے؟‘‘
’’کامن سینس خضر!۔۔۔ کامن سینس۔‘‘
’’میں سمجھا نہیں ؟‘‘
’’سیدھی سی بات ہے۔ چھٹی لے کر اتنی دُور کوئی بُری خبر سنانے کے لئے تو نہیں آئے گا؟‘‘
’’ہاں ثریا۔۔۔ شاید تم صحیح کہہ رہی ہو۔ یہ لو، یہ میری شادی کا دعوت نامہ ہے۔۔۔ اور یہ تم بھی لو صفدر۔۔۔ ضرور آنا۔‘‘
صفدر نے جیسے ہی یہ سنا، وہ خوشی سے خضر کے گلے لگ گیا۔ ’’مبارک ہو میرے دوست! بہت بہت مبارک!!‘‘
لیکن ثریا کے قدموں تلے سے زمین کھسک گئی۔ اُس نے بڑی مشکل سے اپنے آپ کو سنبھالا اور پاس میں پڑے صوفے پر بیٹھ گئی۔ 
فون کی گھنٹی زور زور سے چیخ رہی تھی۔ ثریا کو چاہئے تھا کہ اُسے لپک کر اُٹھاتی، لیکن وہ تو گویا گونگی بہری ہو گئی تھی۔ اس کی آنکھوں کے آگے اندھیرا چھا گیا تھا۔ صفدر نے حیرت سے ثریا کو دیکھا اور آگے بڑھ کر فون اُٹھایا اور بولا۔ ’’ہیلو گولڈن ٹرائنگل کنسٹرکشن۔۔۔ جی ہاں ایک منٹ۔۔۔‘‘ اور فون جنرل منیجر کو ٹرانسفر کر دیا۔ دراصل ثریا کی غیر موجودگی میں ٹیلیفون آپریٹر کی ذمہ داری وہی ادا کرتا تھا۔ لیکن اُس روز پہلی بار ثریا کی موجودگی میں وہ اس کام کو کر رہا تھا۔ اس نے پھر ایک بار ثریا کو دیکھا۔ وہ نہ جانے کہاں کھوئی ہوئی تھی۔ وہ موجود بھی تھی اور غائب بھی تھی۔ خضر کو اس بیچ اس کے سابقہ منیجر نے بلوا لیا تھا اور وہ اُنہیں شادی کی دعوت دینے کے لئے چلا گیا تھا۔ اس نے ثریا کی جانب توجہ ہی نہ کی تھی۔ لیکن صفدر ہکا بکا یہ سب دیکھ رہا تھا۔ 
وہ بولا۔ ’’ثریا! تمہیں کیا ہو گیا؟ تمہاری طبیعت تو ٹھیک ہے؟‘‘
ثریا نے اس کی ایک نہ سنی۔ وہ نہ جانے کہاں خلاؤں میں دیکھ رہی تھی۔ صفدر بولا۔ ’’رُکو، میں تمہارے لئے پانی لے کر آتا ہوں۔ تم تو پسینہ سے شرابور ہو رہی ہو۔‘‘
صفدر نے پینٹری میں جا کر پانی کا گلاس بھرا تو اُسے خیال آیا کہ ثریا کے لئے چائے بنانی چاہئے، ہو سکتا ہے چائے سے اس کی طبیعت سنبھل جائے۔ وہ جلدی جلدی چائے بنانے لگا۔ لیکن جب وہ چائے بنا کر واپس استقبالیہ میں پہنچا تو ثریا جا چکی تھی۔ دفتر کی ایک اور ملازمہ آسیہ نے بتلایا کہ نہ جانے کیوں ثریا کی طبیعت اچانک ناساز ہو گئی اور وہ گھر واپس چلی گئی۔ 
صفدر شاید جانتا تھا کہ ثریا کی طبیعت کیوں خراب ہو گئی؟ وہ دوبارہ مڑا تو سامنے سے خضر آ رہا تھا۔ اس نے کہا۔ ’’یار خضر! چائے تو پیو۔ میں تمہارے لئے چائے بنا کر تمہیں تلاش کر رہا ہوں۔‘‘
صفدر کا جھوٹ خضر کی سمجھ میں نہیں آیا۔ وہ شکریہ ادا کر کے استقبالیہ میں بیٹھ گیا اور چائے پینے لگا۔ جو کوئی بھی اس دوران وہاں سے گزرتا، وہ اسے شادی کارڈ تھما دیتا۔ لوگ اسے خوب خوب مبارکباد دیتے۔ چائے ختم کرنے کے بعد خضر نے صفدر سے وعدہ لیا کہ وہ نکاح کی تقریب میں ضرور آئے گا اور نکل گیا۔ صفدر اس سے توقع کر رہا تھا کہ کم از کم ایک بار وہ ثریا کے بارے میں پوچھے گا۔ اس لئے کہ استقبالیہ میں اس کی غیر موجودگی پر ہر کسی کو حیرت ہوتی تھی۔ لیکن ایسا نہیں ہوا۔ شاید خضر کچھ زیادہ ہی خوش تھا۔ خضر کے چلے جانے کے بعد صفدر پھر ثریا کے بارے میں سوچنے لگا۔ اسے حیرت تھی کہ دفتر کے ہر فرد نے خضر کو مبارکباد دی، لیکن ثریا کی زبان سے ایک حرف نہیں پھوٹا اور پھر وہ اچانک بیمار ہو کر گھر چلی گئی۔ یہ سب کچھ حیرت انگیز تھا۔ 
ثریا اس روز کیا گئی کہ پھر نہ دفتر آئی اور نہ نکاح کی تقریب ہی میں شامل ہوئی۔ سارا دفتر وہاں موجود تھا۔ ادنیٰ و اعلیٰ ہر کوئی حاضر تھا۔ لیکن اگر کوئی غائب تھا تو وہ ثریا تھی۔ 
خضر حیات خان کا نکاح بڑے تزک و احتشام کے ساتھ سمیہ سے ہو رہا تھا۔ گو کہ سمیہ اور خضر کا کوئی خاندانی رشتہ دار وہاں موجود نہیں تھا، لیکن دوست و احباب نے اس کمی کو پورا کر دیا تھا۔ سارا کچھ نہایت حسن و خوبی کے ساتھ طے پا گیا اور خضر خوشی خوشی اپنی سمیہ کے ساتھ گھر آگیا۔ 
ثریا نے اپنی ایک ماہ کی چھٹی کے بعد استعفیٰ روانہ کر دیا، حالانکہ گھر کی معاشی حالت ٹھیک نہیں تھی۔ بڑھتی ہوئی گرانی کے پیشِ نظر والد کا وظیفہ ناکافی تھا، لیکن کسی نے اس سے یہ نہ کہا کہ دفتر سے رجوع کر لے۔ اس لئے کہ گھر کا خرچ چلانا بہرحال مردوں کی ذمہ داری تھی۔ گھر والوں نے سوچا جب تک کہ ثریا کا چھوٹا بھائی برسرِروزگار نہیں ہو جاتا، اس وقت تک قناعت کر لیں گے، اور پھر بیٹی کا کیا؟ آج میکہ کل سسرال۔ ثریا کی ماں اس کے لئے ویسے بھی مناسب رشتہ کی تلاش میں لگی ہوئی تھی۔ ثریا جب وطن واپسی کی ساری تیاریاں مکمل کرنے کے بعد اپنا آخری حساب کتاب کرنے کی خاطر دفتر میں آئی تو کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے اسے ملاقات کی غرض سے اپنے کمرے میں بلوا بھیجا۔ 
ثریا اُن کے دفتر میں پہنچی تو وہ بولے۔ ’’کیوں بیٹی! تم ناراض تو نہیں ہو؟‘‘
’’جی نہیں سر۔۔۔ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔‘‘
’’ویسے۔۔۔ اگر واقعی تم ناراض نہیں بھی ہو تو۔۔۔ ہونا چاہئے۔‘‘
’’وہ کیوں ؟‘‘
’’اس لئے کہ ہم نے تمہیں تین سال قبل استقبالیہ میں بٹھایا اور بھول ہی گئے کہ تمہاری ترقی بھی ہونی چاہئے۔ آخر کوئی کب تک ایک ہی جگہ پر بیٹھ کر وہی کام کرتا رہے اور اس سے بیزار نہ ہو؟‘‘
’’جی نہیں سر! ایسی کوئی بات نہیں۔ مجھے آپ سے کوئی شکایت نہیں ہے۔ وہ تو میں اپنی ذاتی وجوہات کی بنا پر۔۔۔‘‘
ڈائریکٹر نے بات کاٹ دی اور بولے۔۔۔ ’’خیر میں تمہارے فیصلے کا احترام کرتا ہوں ، لیکن ساتھ ہی ایک تجویز بھی رکھتا ہوں۔ اگر مناسب معلوم ہو تو قبول کرنا، ورنہ کوئی بات نہیں۔‘‘
’’جی سر۔۔۔ آپ بولیں۔‘‘
’’تین سال قبل جب ہم سب نے مل کر کام شروع کیا تھا، یہ ایک چھوٹی سی کمپنی تھی، لیکن اب اللہ کے فضل سے ہمارے پاس بہت بڑے بڑے پراجیکٹ ہیں ، کام میں خاصہ اضافہ ہوا ہے۔ اس کے چلتے بورڈ آف ڈائریکٹر نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ مجھے استقبالیہ پر انحصار کرنے کے بجائے نجی سکریٹری رکھنا چاہیے جو میرا ہاتھ بٹا سکے۔ میری نظر میں اس کام کے لئے تم سے زیادہ مناسب کوئی اور نہیں ہے۔ اس لئے تم اس پر غور کرو اور مجھے اپنی مرضی سے آگاہ کر دو۔ لیکن ایک گزارش یہ ہے کہ اپنا فیصلہ دو چار دن میں بتلا دینا۔ ورنہ میں سمجھ لوں گا کہ تمہارا جواب نفی میں ہے۔‘‘
ثریا نے جذبۂ احسان مندی کے ساتھ شکریہ ادا کیا اور گھر آ گئی۔ دُوسرے دن سے اس نے پھر گولڈن ٹرائنگل کو دوبارہ رجوع کر لیا تھا اور اس کی تنخواہ دوگنی ہو گئی تھی۔ خضر سے بھی ڈیڑھ گنا زیادہ۔ 
زندگی پھر سے دھیرے دھیرے معمول پر آنے لگی تھی۔ 
صفدر نے آنکھوں کو کھول کر دیکھا تو ابھی اس کا گھر کافی فاصلے پر تھا۔ سڑک پر گاڑیوں کی بھیڑ معمول سے زیادہ تھی۔ ہر کوئی چل پڑا تھا اور سبھی نے جلدی مچا رکھی تھی۔ ایک قیامت برپا تھی، لیکن خضر ہنوز ثریا سے محو گفتگو تھا۔ 
خضر کہہ رہا تھا۔ ’’جی ہاں ، یہ بس کی آواز ہے۔ آج بس اپنے وقت سے دس منٹ قبل چل پڑی ہے۔‘‘
’’اچھا! وہ کس خوشی میں ؟‘‘
’’تمہیں نہیں پتہ؟ ساری دُنیا میچ دیکھنے کے لئے اپنے گھروں کی جانب رواں دواں ہے۔ تم وہاں دفتر میں بیٹھی کیا کر رہی ہو۔‘‘
’’میں اپنا کام کر رہی ہوں اور کیا؟۔۔۔ اور جہاں تک دُنیا کا سوال ہے، مردوں نے خواتین کو دُنیا میں شامل کیا ہی کب ہے؟‘‘
’’کیا مطلب؟ فٹ بال خواتین نہیں کھیلتیں ؟‘‘
’’کیوں نہیں کھیلتیں۔۔۔ لیکن اُنہیں کھلاتا کون ہے؟ اور ان کے میچ بھی خواتین سے زیادہ مرد ہی دیکھتے ہیں۔ عورتیں بے چاری مردوں کے اشارے پر کٹھ پتلی کی مانند اُچھلتی پھدکتی رہتی ہیں۔‘‘
’’اب بس بھی کرو یہ شکوہ شکایت۔۔۔ دیکھو، بس گھر سے قریب پہونچ گئی ہے۔‘‘
’’اچھا، اللہ حافظ۔‘‘
جیسے ہی فون بند ہوا، صفدر بولا۔ ’’شکر اللہ، الحمد اللہ۔‘‘
خضر نے چٹکی لی۔ ’’واقعی شکر ادا کر رہے ہو یا گانا گا رہے ہو؟‘‘
’’لگتا ہے ابھی تک فون کا خمار اُترا نہیں ہے۔‘‘ صفدر نے ترکی بہ ترکی جواب دے دیا۔ 
’’خمار چھوڑو اور بس سے اُترنے کی فکر کرو۔ وہ دیکھو، تمہارا محلہ سامنے ہے۔‘‘
’’ٹھیک ہے میں آدھے گھنٹے کے اندر آتا ہوں۔ پھر ہم لوگ اکٹھا ہی میچ دیکھیں گے۔‘‘
’’ہاں ، میں تمہارا انتظار کروں گا۔ دیر نہ کرنا۔ ہو سکتا ہے پہلے چند منٹوں میں ہی  گول ہو جائے۔‘‘
’’ارے تمہارے بس میں ہو تو کھیل شروع ہونے سے قبل ہی گول کرنا شروع کر دو۔‘‘ یہ کہہ کر صفدر اُتر گیا۔ 
پانچ منٹ بعد خضر بھی بس سے اُتر کر گھر کی جانب چل پڑا تھا۔ 



۲۴

آگ کا کھیل


سمیہ نے جیسے ہی دروازہ کھولا دو سالہ سکندر پاشا ’’بابا۔ بابا‘‘ کہتا ہوا خضر کے پیروں سے لپٹ گیا۔ 
خضر نے اُسے اُٹھا کر سینے سے لگایا اور سیدھا مہمان خانے میں آ کر ٹی۔ وی کا بٹن دبا دیا۔ 
’’اوہو۔۔۔ پہلے ذرا اپنی سانسیں تو درست کر لو۔ آپ تو بھول ہی گئے کہ گھر میں ایک عدد بیوی بھی موجود ہے۔‘‘ سمیہ نے مسکرا کر کہا۔ 
’’نہیں میری جان! میں تمہیں کیسے بھول سکتا ہوں ؟‘‘
’’اچھا۔۔۔ میری جانب تو ابھی تک نظرِ کرم ہوئی نہیں ، اور مجھ سے پہلے ٹی۔ وی کو نہارنے لگے۔ میرا بس چلے تو میں اس سوتن کو کھڑکی سے باہر پھینک دوں جس پر آپ آتے ہی فدا ہو گئے ہیں۔‘‘ سمیہ کے لہجے میں غصہ تھا۔ اُسے اُمید تھی کہ خضر ٹی۔ وی بند کر کے تکلفاً ہی سہی، معذرت طلب کرے گا۔ لیکن ایسا نہیں ہوا۔ 
’’دیکھو! کم از کم آج تم ایسا غضب نہ کر ڈالنا؟‘‘
’’کیوں آج ایسی کون سی خاص بات ہے؟‘‘
’’ارے تمہیں نہیں پتہ! آج ہماری مقامی ٹیم اپنے دشمن کے خلاف سیمی فائنل کھیل رہی ہے۔‘‘
’’اچھا! تب تو گئے کام سے۔ اب آپ اگلے دو گھنٹے کے لئے ہم پر فاتحہ پڑھ دیں گے، سارے گھر سے کٹ جائیں گے۔ لیکن جنابِ عالی۔۔۔ آپ کو پتہ ہے گیس ختم ہو چکا ہے، وہ کون لائے گا؟‘‘
’’دیکھو، اب میں کوئی کام نہیں کروں گا۔ نا گیس نہ پانی۔۔۔ مجھے صرف میچ دیکھنا ہے بس۔۔۔ کیا سمجھیں ؟‘‘
ابھی کھیل شروع نہیں ہوا تھا۔ گزشتہ میچوں کی جھلکیاں دکھائی جا رہی تھیں۔ بیچ بیچ میں ماہرین اپنی رائے دے رہے تھے اور اس درمیان سمیہ اپنا دکھڑا لے کر بیٹھ گئی تھی، جو خضر کی طبیعت پر گراں گزر رہا تھا۔ 
سمیہ بولی۔ ’’خدا خیر! یہ موا کھیل تو آدھی رات تک ختم نہیں ہو گا۔ تو کیا ہم لوگ سب بھوکے رہیں گے؟‘‘
’’یہ سب میں نہیں جانتا۔‘‘ یہ کہہ کر اس نے سکندر کو کرسی پر بٹھا دیا اور خود کپڑے بدلنے لگا، لیکن اس کی نظریں ٹی۔ وی پر لگی ہوئی تھیں کہ اچانک دھڑام سے سکندر کے زمین پر گرنے کی آواز آئی۔ 
 سمیہ اس کی جانب لپکی اور اسے سینے سے لگا لیا۔ ’’ہائے اللہ۔۔۔ یہ باپ ہے یا قصائی؟ اس کو بیوی تو کجا، اپنے بچہ کا بھی خیال نہیں ہے؟‘‘
خضر بولا۔ ’’مجھے نہیں ہے تمہیں تو ہے۔ تمہیں گرنے سے بچا لیتیں۔‘‘
سمیہ کا غصہ آسمان کو چھونے لگا۔ وہ بولی۔ ’’آپ نے بچے کو گرا دیا اور ذرّہ برابر ندامت نہیں ؟ آپ انسان ہیں یا پتھر؟‘‘
’’دیکھو سمیہ! میں جو بھی ہوں تمہیں پتہ ہے۔ اَب میرا دَماغ نہ خراب کرو، جاؤ اپنا کام کرو۔‘‘
’’وہی تو میں کہہ رہی ہوں کہ کیا کام کروں۔۔۔ کھانا بنانا ہے اور گیس کا باٹلہ خالی ہے۔‘‘
خضر بولا۔ ’’یہ میں نہیں جانتا۔ تم ایسا کرو کہ اپنے اس بچے کو لے کر دُوسرے کمرے میں جاؤ۔۔۔ اور دیکھو۔۔۔ وہ صفدر کھیل دیکھنے کے لئے ابھی آنے ہی والا ہے۔‘‘
’’کیا۔۔۔ ؟ آپ نے صفدر بھائی کو بھی بلوا لیا! اب ان کے لئے چائے ناشتہ وغیرہ کیسے بنے گا؟ میں آپ سے کہہ چکی ہوں کہ گیس نہیں ہے۔‘‘
’’میں کب کہہ رہا ہوں کہ تم یہ سب اہتمام کرو۔ بس اتنا کرنا کہ چپ چاپ اُس کے لئے دروازہ کھول دینا۔ کیا سمجھیں ؟‘‘
سکندراب بھی بابا کہہ کر رو رہا تھا۔ سمیہ نے غصہ سے اسے اُٹھایا اور کہا۔ ’’لعنت بھیج اپنے اس کٹھور بابا پر، جس کو نہ ہماری پرواہ ہے اور نہ اپنے گھر کی عزت کا خیال۔ مہمان گھر بلوا کر کہتے ہیں میں کچھ نہیں جانتا! لگتا ہے آج اِنہیں کو سونے کا تمغہ ملنے والا ہے۔‘‘
کمرے سے نکل کر سمیہ باہر بالکنی میں آ گئی۔ آنسوؤں کی پھوار سے کچھ دیر بعد دماغ ٹھنڈا ہوا تو سوچنے لگی۔۔۔ ’’یہ کس قدر بُری بات ہے کہ مہمان گھر آئے اور یوں ہی کچھ کھائے پئے بغیر چلا جائے۔ اسے اپنا پرانا مٹی کے تیل والا چولہا یاد آگیا۔ وہ واپس باورچی خانے میں آئی اور اس چولہے کو نکال کر صاف کرنے لگی۔ سکندر بار بار اس کا دوپٹہ کھینچ کر اسے اُٹھانے کے لئے کہہ رہا تھا۔ اس نے ایک گیند اس کو تھما دی اور کیروسین کا کنستر اُتارنے لگی۔ اب سکندر اس کو اپنے ساتھ کھیلنے کے لئے کہنے لگا تھا۔ اُس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ کیا کرے۔ وہ سکندر کو مہمان خانے کے پاس لے آئی اور کہا۔ 
’’جا اپنے ورلڈ چمپئن بابا کے ساتھ کھیل۔‘‘ خضر ٹی۔ وی میں غرق تھا کہ سکندر  دوڑا دوڑا آیا اور بابا کہہ کر اسے گیند سے کھیلنے پر اصرار کرنے لگا۔ خضر کو سمیہ پر بہت غصہ آ رہا تھا۔ اس نے اپنے آپ سے کہا۔۔۔ ’’یہ کس مصیبت سے میرا پالہ پڑ گیا، جو کسی بات کو سمجھتی ہی نہیں۔ سارا مزا خراب کرنے پر تلی ہوئی ہے۔‘‘ اُس نے بلند آواز میں کہا۔ ’’ارے سمیہ! یہ اپنے بیٹے کو یہاں سے لے کر کسی میدان میں پہنچا دو، اسے فٹ بال کھیلنا ہے۔‘‘
سمیہ نے چڑ کر جواب دیا۔ ’’میرا بیٹا کیا مطلب؟ کیا وہ تمہارا بیٹا نہیں ہے؟ کیا میں اسے جہیز میں لائی ہوں ؟‘‘
خضر کی زبان سے بے ساختہ اُس کا تکیہ کلام۔۔۔ ’’یہ میں نہیں جانتا۔۔۔‘‘ ادا ہوتے ہوتے رُک گیا۔ 
لیکن سمیہ اس ادھورے جملے پر آگ بگولہ ہو گئی۔ وہ بولی۔ ’’کیا کہا۔ آپ نے۔۔۔ ؟ کہہ ڈالئے۔۔۔ رُک کیوں گئے؟‘‘
خضر نے کہا۔ ’’بھئی کچھ نہیں کہا میں نے۔ بلاوجہ بات کا بتنگڑ نہ بناؤ اور اِسے لے کر یہاں سے جاؤ۔‘‘
’’یہاں سے جاؤ۔۔۔ کیا مطلب ہے؟ آپ ہم لوگوں کو کہاں بھیجنا چاہتے ہیں ؟‘‘
’’یہ میں نہیں جانتا؟ بس یہاں سے نکل کر جہاں چاہو جاؤ۔۔۔ جہنم میں جاؤ۔‘‘
سمیہ بولی۔ ’’دیکھئے آپ کا یہ جملہ آپ کو مہنگا پڑے گا۔‘‘
’’مجھے اس کی کوئی پرواہ نہیں۔‘‘
’’اگر ایسا ہے تو اس روز روز کے عذاب سے بہتر ہے میں ایک ہی بار جل مروں۔‘‘
ٹھیک ہے، تمہاری جو مرضی میں آئے کرو۔ لیکن اس کمرے سے نکلو اور دفع ہو جاؤ۔‘‘
سمیہ غصہ سے پاگل ہو گئی تھی۔ وہ بولی۔ ’’ٹھیک ہے۔۔۔ نہ رہے گا بانس نہ بجے گی بانسری۔۔۔ میں اِس زندگی سے اُوب چکی ہوں۔ آپ سکون سے کھیل دیکھیں۔ میں مرنے کے لئے جا رہی ہوں۔‘‘
خضر نے اس بات کو سن کر بھی اَن سنا کر دیا، لیکن سمیہ کا ارادہ خطرے کے نشان سے اوپر ہو چکا تھا۔ 
اُس نے مٹی کے تیل کا ڈبہ کھولا۔ پہلے اُسے اپنے کپڑوں پر چھڑکا اور پھر تیلی جلا کر آگ لگا لی۔ جب شعلے اس کی جانب لپکے تو پاس میں بیٹھا سکندر اپنی ماں سے لپٹ گیا۔ اس کی ازار نے، جو زمین پر پڑے کیروسین سے بھیگ چکی تھی، آگ پکڑ لی۔ 
جلنے کی بو کے پیچھے ایک سکنڈ میں خضر باورچی خانے کی جانب لپکا۔ سمیہ کے کپڑوں کی آگ پھیل رہی تھی۔ اس نے فوراً دروازے پر لگے پردے کو کھینچ کر اس سے سمیہ کو لپیٹ دیا۔ اب اس کی نظر سکندر پر پڑی جو بڑی حد تک جل چکا تھا۔ خضر نے آگے بڑھ کر جلتے ہوئے سکندرکو اُٹھا کر سینے سے لگا لیا اور اپنے جسم سے اس کی آگ کو بجھانے لگا۔ سکندرکی آگ تو بجھ گئی، لیکن اب خضر کے کپڑوں میں آگ لگ چکی تھی۔ سمیہ اور سکندر بے ہوش پڑے تھے۔ وہ جلتے ہوئے بدن کے ساتھ چادر لینے کی خاطر آرام گاہ میں آیا اور اس سے پہلے کہ اپنے آپ کو کمبل میں لپیٹتا، وہ بڑی حد تک جل چکا تھا۔ 
صفدر جب خضر کے گھر پہنچا تو وہاں ہنگامہ برپا تھا۔ پڑوسیوں نے ایمبولنس کو فون کر دیا تھا اور وہ اس کا انتظار کر رہے تھے۔ اس قدر جلے ہوئے تین لوگوں کو ذاتی گاڑیوں سے لے کر جانا خطرناک تھا۔ 
دیکھتے ہی دیکھتے دو ایمبولنس گاڑیاں آ پہنچیں۔ ایک میں سکندر اور سمیہ کو ڈال دیا گیا اور دوسرے میں خضر کو۔ صفدر میچ کو بھول کر ہسپتال کی جانب روانہ ہو گیا۔ راستے میں اس نے اپنے پراجیکٹ منیجر کو اور ثریا کو فون کر کے حادثے کی اطلاع دے دی۔ پراجیکٹ منیجر نے کہا کہ وہ اخراجات کی چنداں فکر نہ کرے۔ ہسپتال کے لوگوں سے اس کی بات کروا دے، وہ بذاتِ خود جلد ہی ہسپتال پہنچنے کی کوشش کرے گا۔ 
شہر کا سب سے بڑا سرکاری ہسپتال ثریا کے گھر سے بالکل قریب تھا۔ اس لئے وہ ان سب سے پہلے دوا خانہ پہنچ کر انتظار کر رہی تھی۔ تینوں کو ایمرجنسی وارڈ میں فوراً داخل کروا دیا گیا تھا۔ سمیہ صرف ۲۰؍ فیصد جھلسی تھی۔ طبیبوں کا خیال تھا کہ وہ خوف سے بے ہوش ہو گئی ہے اور بچ جائے گی۔ 
ثریا نے ڈاکٹروں سے خضر کے ساتھ ملاقات کی خاطر اجازت طلب کی تو وہ بولے۔ ’’اس حالت میں خضر سے ملنا خود ثریا کے لئے بھی خطرناک ہے۔‘‘ لیکن ثریا کے اصرار پر پانچ منٹ کے لئے اجازت دے دی گئی۔ ثریا جب ایمرجنسی کمرے میں داخل ہوئی تو خضر کو ہوش آ چکا تھا۔ حالانکہ ڈاکٹروں نے اینٹی بایوٹک کے ساتھ اسے درد کم کرنے کے کئی انجکشن دے رکھے تھے، اس کے باوجود وہ کرب سے کراہ رہا تھا۔ ڈاکٹروں کا لانبا کوٹ اور منہ پر ماسک پہنی ہوئی ثریا کو بھی خضر نے ڈاکٹر ہی سمجھا اور اس کی جانب سے نظر ہٹا لی۔ وہ اپنی موت کو دیکھ رہا تھا، لیکن جیسے ہی اس کے کانوں سے ثریا کی آواز ٹکرائی، اس کے اندر زندگی آ گئی۔ وہ بولا۔ ’’ارے تم؟ میں تو کسی اور کا منتظر تھا۔‘‘
’’تم کس کے منتظر تھے خضر؟‘‘
’’میں ! میں بڑی شدت سے ملک الموت کا انتظار کر رہا تھا۔‘‘
’’ملک الموت کا؟ کیسی باتیں کرتے ہو؟ دیکھو دل چھوٹا نہ کرو؟ کوئی ملک الموت کا بھی انتظار کرتا ہے بھلا؟‘‘ ثریا نے ایک ہی سانس میں کئی سوالات کر ڈالے۔ 
’’تم صحیح کہتی ہو ثریا۔ ہر کوئی اس سے دُور بھاگتا ہے۔ میں بھی یہی کرتا تھا۔ لیکن اب اس حالت میں وہی میرے درد کا درماں ہے۔‘‘
’’خضر! تم اگر اس سے دُور بھاگتے تھے تو تم نے یہ کیا کر دیا؟ کیوں کیا تم نے ایسا خضر؟‘‘
’’میں نے کیا کیا؟‘‘ میں نے کچھ نہیں کیا؟ اور میں کر بھی کیا سکتا تھا؟‘‘ خضر کے سارے جوابات سوال کا لباس پہن چکے تھے۔ دراصل اس کی زندگی بھی ایک سوالیہ نشان بن گئی تھی۔ 
ثریا بولی۔ ’’تم نے از خود ملک الموت کو دعوت کیوں دی؟ مجھے بتاؤ کیوں کیا تم نے یہ سب؟‘‘
’’ثریا۔۔۔ دعوت تو سمیہ نے دی۔ میں نے حتی الامکان کوشش کی کہ اُسے بھگا کر دُور کر دوں۔ سمیہ اور سکندر کو اس کے خونی پنجہ سے چھڑا لوں ، لیکن وہ اُنہیں چھوڑ کر مجھ سے لپٹ گیا۔‘‘
ثریا خضر کی آخری بات پر چونک پڑی اور سوچنے لگی کہ اسے ڈاکٹروں کی رپورٹ کا پتہ کیسے چل گیا۔ ممکن ہے اسی فرشتے نے بتا دیا ہو؟ اس نے استفسار کرنا مناسب نہیں سمجھا۔ وہ موت کے موضوع کو بدل دینا چاہتی تھی۔ اس لئے بولی۔ ’’خضر فکر نہ کرو! انشا اللہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔ ہم سب تمہارے لئے دُعا گو ہیں۔‘‘
’’میری موت تو یقینی ہے اور وہ کسی بھی وقت آ سکتی ہے۔۔۔ بلکہ آ چکی ہوتی اگر تم سے یہ گفتگو مقدر نہ ہوتی۔‘‘ خضر حیات اپنی آخری سانسیں گنتا ہوا کہہ رہا تھا۔ ’’دیکھو ثریا۔۔۔ اب نہ دُعائیں میرے کسی کام آئیں گی نہ یہ تسلی کوئی فائدہ پہنچائے گی۔ تم ایسا کرو کہ سمیہ اور سکندر کے لئے دُعا کرو اور اگر ممکن ہو تو مجھ سے ایک وعدہ کرو۔۔۔‘‘





خضر کی ڈائری کو بند کرنے کے بعد کرنل نے سمیہ سے پوچھا۔ ’’بیٹی! یہ تو اس کہانی کا ایک دردناک باب ہے۔ لیکن آگے بڑھنے سے پہلے میرے لئے یہ جاننا ضروری ہے کہ اس کے بعد کیا ہوا؟‘‘
سمیہ بولی۔ ’’وہ میں آپ کو بتلاؤں گی۔۔۔ لیکن مختصر یہ کہ ثریا نے اپنا وعدہ بخوبی نبھایا اور آج اس کی پاداش میں وہ فی الحال جیل کے اندر سزائے موت کی منتظر ہے اور اس کے ساتھ خضر اور ثریا کا مشترکہ دوست صفدر بھی ہسپتال میں موت کا انتظار کر رہا ہے اور اس عظیم ظلم و زیادتی کے لئے صرف اور صرف آپ کی یہ بے وقوف بیٹی ذمہ دار ہے۔‘‘ اس تمہید کے بعد سمیہ نے اپنی زندگی کے سارے ابواب کھول کر اَنکل کے سامنے رکھ دیے۔ 
ساری کہانی کو بغور سننے کے بعد کرنل صاحب نے کہا۔ ’’بہت خوب۔۔۔ تم ایک اچھی داستان گو بھی ہو۔ مجھے تمہاری باتیں تسلیم ہیں ، سوائے تمہید کے۔ اس معاملہ کو اُلجھانے کا اوّلین ذمہ دار وکیل جلول جلال ہے، اور وہ بھی اچھا ہی ہوا کہ اس کے باعث میری بیٹی بچ گئی۔‘‘
’’لیکن ثریا اور صفدر؟‘‘ سمیہ نے سوال کیا۔ ’’ان کا کیا ہو گا؟ ظفر اقبال تو ان دونوں کو پھانسی چڑھانے پر تلا ہوا ہے۔‘‘
’’تم اُن کی فکر نہ کرو۔ میں کوشش کروں گا۔ وہ لوگ بڑے آرام سے رِہا ہو جائیں گے۔‘‘
سمیہ بولی۔ ’’انشا اللہ۔ ورنہ میں کبھی بھی سکون کی سانس نہ لے سکوں گی۔‘‘


۲۵

خضر کی وصیت

کرنل صاحب کے لئے یہ نئی مہم کئی لحاظ سے دلچسپی کا سبب تھی۔ اپنی شریکِ حیات مسز میری کی موت کے بعد پہلی مرتبہ کچھ کرنے کا جذبہ ان کے اندر پیدا ہوا تھا۔ کرنل ڈیوڈ کے اندر کا وکیل، جسے انہوں نے فوج کی چتا میں جلا دیا تھا، پھر سے جی اُٹھا تھا۔ سب سے پہلے انہوں نے اپنے کمپیوٹر میں سے قانون کی ڈگری کے سرٹیفکیٹ کی نقل نکالی۔ ڈگری پر لکھی تاریخ تقریباً نصف صدی پُرانی تھی۔ اس ابتدائی تیاری کے بعد اُنہوں نے سمیہ سے پوچھا کہ کیا وہ کسی قانون کے شعبہ میں کام کرنے والے ادارہ سے واقف ہے؟ سمیہ سوچنے لگی تو وہ بولے۔ ’’پریشان ہونے کی ضرورت نہیں بیٹی۔ اگر تم نہیں جانتیں تو کوئی بات نہیں۔ گوگل کی مدد سے میں پتہ لگا لوں گا۔ ویسے اگر کوئی قابلِ اعتماد فرم ہوتی تو بہتر تھا۔‘‘
سمیہ نے اپنے دماغ پر زور دینے کے بعد کہا۔ ’’خضر حیات کے ایک دوست پرویز اِسی قسم کی کسی کمپنی میں ملازم ہیں۔ ممکن ہے وہ ہمارا تعاون کر سکیں۔‘‘
کرنل صاحب پرویز کا پتہ لے کر اس کے دفتر پہنچ گئے۔ سمیہ کے حوالے سے اپنا تعارف کروایا تو پرویز بہت خوش ہوا، اور سمیہ کے احسانات گنانے لگا۔ کرنل نے بتلایا کہ وہ خود ایڈوکیٹ ہیں اور سمیہ کے دو دوستوں کے مقدمہ کی پیروی کرنا چاہتے ہیں۔ اگر پرویز کی کمپنی اس مقدمہ میں اپنا وکالت نامہ داخل کر دے اور ان کو اپنا نمائندہ بنا دے تو باقی سارے معاملات سے وہ خود نبٹ لیں گے۔ نیز اس سلسلے میں خرچ ہونے والے ساری عدالتی و دیگر اخراجات بھی ادا کر دیں گے۔ پرویز نے بلا پس و پیش کرنل ڈیوڈ کی تفصیلات لے لیں اور ضروری کاغذات تیار کر کے دُوسرے دن شام تک ان کے حوالے کرنے کا وعدہ کر لیا۔ پرویز بولا۔ ’’میں اپنی بیوی کے ساتھ سمیہ سے ملنے آنا چاہتا تھا۔ اس بہانے میں وہ کاغذات بھی لے آؤں گا۔‘‘
کرنل صاحب نے کہا۔ ’’صرف کاغذات نہیں بلکہ بیوی اور بچی کو بھی ساتھ لائیے گا۔ ہم لوگ شام کا کھانا ساتھ کھائیں گے۔‘‘
کرنل صاحب اس کے بعد ہسپتال پہنچے اور خضر کی موت کے وقت جو معالجین اُس کی دیکھ بھال کر رہے تھے، ان سے ملاقات کی۔ یہ ملاقاتیں کافی مفید رہیں۔ ان کے سامنے کچھ چونکا دینے والے انکشافات بھی آئے۔ انہوں نے ایک ڈاکٹر سے ضرورت پڑنے پر گواہ کی حیثیت سے پیش ہونے کی درخواست کی جس کے لئے وہ بخوشی راضی ہو گیا۔ کرنل صاحب کی شخصیت اور اندازِ تکلم کچھ ایسا تھا کہ کسی سے اِنکار نہ بن پڑتا تھا۔ ہر کوئی ان کا دلدادہ ہو جاتا تھا۔ اس کے بعد کرنل صاحب نے ہسپتال ہی میں صفدر سے ملاقات کی اور اپنا تعارف کروایا۔ صفدر یہ جان کر بے حد خوش ہوا کہ وکیل جلول جلال کے بجائے اب کرنل صاحب خود اس کی پیروی کریں گے۔ صفدر کے ساتھ کرنل صاحب نے نہ صرف مقدمہ کے بارے میں بلکہ ٹکٹ کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے صفدر کو یقین دلایا کہ وہ بہت جلد رِہا ہو جائے گا۔ اس لئے کہ کچھ ایسے سراغ ان کے ہاتھ لگے ہیں جن کی مدد سے اس کی معصومیت بڑی آسانی سے ثابت ہو سکتی ہے۔ یہ جان کر صفدر کی طبیعت باغ باغ ہو گئی۔ اُسے یقین ہو گیا کہ اس کے اُجڑے ہوئے گلشن میں جلد ہی بہار آنے والی ہے۔ 
 صفدر سے ملنے کے بعد کرنل صاحب ایشین ٹراویل کے دفتر جا پہنچے اور وہاں جنرل منیجر سے مل کر صفدر کے نام سے بک کئے گئے ٹکٹ کے بارے میں ضروری معلومات حاصل کیں ، اور اب ان کی منزل ثریا تھی۔ ثریا سے ملنے کے بعد انہوں نے سب سے پہلے اسے سکندر کے بارے میں بتلایا کہ وہ بالکل صحت یاب ہو چکا ہے۔ اس خبر کو سن کر ثریا اس قدر خوش ہوئی کہ وہ اپنی مصیبت بھول گئی۔ اس نے پوچھا۔ ’’کرنل صاحب! میں یہ جان کر خوش تو بہت ہوں ، لیکن ایک بات کا افسوس ہے کہ سمیہ نے یہ بات مجھ کو کیوں نہیں بتلائی؟‘‘
’’بیٹی! بات دراصل یہ ہے کہ سمیہ تمہاری اور صفدر کی حالتِ زار سے بے حد رنجیدہ ہے اور اپنے آپ کو اس کے لئے ذمہ دار سمجھتی ہے۔ اس لئے وہ شرمندگی کے باعث تم دونوں سے نظریں چراتی ہے۔‘‘ کرنل صاحب اپنی بیٹی کا دفاع کر رہے تھے۔ 
ثریا بولی۔ ’’لیکن اس میں سمیہ کا کیا قصور ہے بھلا؟ یہ جو کچھ ہو رہا اس کا نہ تو اُسے علم تھا اور نہ اس پر ہم میں سے کسی کا کوئی اختیار ہی ہے۔‘‘
’’لیکن مجھے اس بارے میں کافی کچھ باتیں پتہ چل چکی ہیں اور مجھے یقین ہے کہ تم دونوں جلد ہی رِہا ہو جاؤ گے۔‘‘
ثریا بولی۔ ’’میں نہیں جانتی کہ یہ بات آپ میرا دل رکھنے کے لئے کہہ رہے ہیں یا واقعی یہ مبنی بر حقیقت ہے؟ خیر جو بھی ہو، میں نے سوچنا چھوڑ دیا۔ جو بھی ہونا ہے سو ہو گا۔ میں اب اس کی فکر نہیں کرتی۔ اگر کوئی شہ اپنے اختیار میں نہ ہو تو اس کے لئے پریشان ہونے سے کیا حاصل؟
کرنل صاحب کو ثریا سے اس پُرسکون رد عمل کی توقع نہیں تھی۔ اس کے اندر نہ تو کوئی غم و غصہ تھا اور نہ جھنجلاہٹ۔۔۔ عجیب و غریب توکل کی کیفیت تھی۔ ’’جو ہو گا سو ہو گا۔۔۔‘‘ اس جملے میں حزن و ملال کا کہیں دور دور تک شائبہ تک نہیں تھا۔ 
ثریا کے پاس سے لوٹتے ہوئے کرنل صاحب سوچ رہے تھے کہ صفدر اور ثریا کی طبیعت کے اندر کس قدر مماثلت تھی۔ دونوں اپنی تقدیر کے فیصلے پر پوری طرح راضی اور مطمئن تھے۔ وہ سوچ رہے تھے کہ کاش صفدر ڈائریکٹر کا سکریٹری اور ثریا چائے بنانے والی پینٹری انچارج ہوتی تو وہ ان دونوں کا نکاح کروا دیتے۔ ویسے وہ دونوں نہ صرف ہم عمر اور ہم مذہب تھے، بلکہ ایک دوسرے کے اچھے دوست بھی تھے۔ 





سمیہ نے پرویز کی دعوت کا بڑا زبردست اہتمام کیا تھا۔ خضر کی موت کے بعد پہلی مرتبہ کوئی مہمان اس کے گھر آ رہا تھا۔ پرویز اور پروین اپنی نوزائیدہ زندگی کے ساتھ آئے تھے۔ وہ اس بات کو جان کر بے حد خوش تھے کہ سکندر موت کے منہ سے باہر نکل آیا ہے۔ لیکن خضر کی بے وقت موت اُن سب کے لئے صدمہ کا سبب تھی۔ رات دیر گئے تک خضر کی حیات و ممات کا ذکر ہوتا رہا اور اس کے بعد پرویز کرنل صاحب کو ضروری کاغذات تھما کر روانہ ہو گیا۔ کرنل صاحب کے لئے یہ قطر کی اولین نہایت خوشگوار اور یادگار شام تھی۔ 
عدالت میں وکیل جلول جلال کی جگہ ایک نئے انگریز وکیل کی موجودگی نے ظفر اقبال اور قلندر، دونوں کو چونکا دیا تھا۔ کرنل صاحب کی پُر وقار شخصیت نے دونوں کو مرعوب کیا تھا۔ ان کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ یہ نیا بندہ ثریا اور صفدر جیسے مساکین کی خاطر سات سمندر کا سفر کر کے یہاں کیوں کر وارد ہو گیا۔ ظفر نے سارا کھڑاگ قلندر کے آس پاس رچا تھا، اس لئے قلندر کرنل صاحب کے لئے غیر معمولی اہمیت کا حامل تھا۔ اس حقیقت کو کرنل ڈیوڈ اچھی طرح جانتے تھے کہ اگر اس پہیہ کی ہوا نکال دی جائے تو یہ گاڑی اپنے آپ زمین میں دھنس جائے گی۔ 

قلندر سے پوچھ گچھ کی ابتداء ظفر نے کی اور قلندر اس کے طے شدہ سوالات کے رٹے رٹائے جوابات نہایت صفائی سے دیتا رہا۔ کرنل صاحب بڑے غور سے سارا کچھ دیکھتے رہے۔ اس درمیان انہوں نے ایک مرتبہ بھی مداخلت نہیں کی تھی۔ پھر جب ان کی اپنی باری آئی تو انہوں نے سب سے پہلے قلندر سے پوچھا۔ ’’قلندر۔۔۔ تمہارا کیا حال ہے؟ سب کچھ خیریت تو ہے؟‘‘
’’آپ کا کرم ہے سرکار! جو آپ ہماری خیریت پوچھ رہے ہیں ، بڑا ہی احسان ہے اوپر والے کا!!‘‘
’’بہت خوب۔۔۔ میں اگر یہ تسلیم کر لوں کہ تم صفدر کے پرانے دوست ہو اور ثریا کو بھی اچھی طرح جانتے ہو تو تمہیں کیسا لگے گا؟‘‘
قلندر یہ سن کر خوش ہو گیا۔ اسے ایسا محسوس ہوا گویا اس کی تعریف و توصیف بیان ہو رہی ہے۔ وہ بولا۔ ’’صاحب! میں اسے اپنی بہت بڑی کامیابی سمجھوں گا۔‘‘
’’کامیابی۔۔۔ ؟ میں نہیں سمجھا؟‘‘
قلندر سٹپٹا گیا۔ وہ بولا۔ ’’میرا مطلب ہے کہ عدالت میں عام طور پر گواہ کو جھٹلایا جاتا ہے، لیکن آپ نے بغیر تفتیش کے مان لیا، یہ میرے لئے سعادت کی بات ہے۔ آپ بڑے قیافہ شناس انسان ہیں۔ مخاطب کے اندر چھپی ہوئی شرافت کو بھانپ لیتے ہیں۔ آپ کا شکریہ۔‘‘
’’لیکن مجھے ایک بات پر ذرا سی خلش ہے۔‘‘
’’وہ کیا جناب؟‘‘
’’تمہارے اندر اپنے دیرینہ دوست کو ہونے والی سزا کا ذرّہ برابر افسوس دِکھلائی نہیں دیتا۔‘‘
’’افسوس۔۔۔ کیسا افسوس؟ ایک ایسے شخص کے ساتھ میں کیوں کر ہمدردی کر سکتا ہوں جو اپنے دوست کا قاتل ہو۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو تمہیں اس کی اس حرکت کا علم کب ہوا؟‘‘
’’ارے صاحب، میں آپ کو کیا بتاؤں۔ دراصل اس راز کو سب سے پہلے اس نے میرے ہی سامنے فاش کیا۔ جس رات خضر کو ہسپتال میں داخل کیا گیا، اسی رات صفدر نے مجھے اس بات کی خبر دی۔‘‘
’’بہت خوب۔۔۔ یہ بھی اس بات کا ثبوت ہے کہ تم دونوں بہت گہرے دوست ہو یا تھے؟ کیا زیادہ مناسب ہے؟‘‘
’’تھے زیادہ مناسب ہے۔۔۔ جناب، اس لئے کہ اس واقعہ کے بعد میں نے اس کے ساتھ دوستی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔‘‘
’’بہت خوب۔۔۔ لیکن پھر تم نے پولیس میں اس کے خلاف شکایت کیوں درج نہیں کرائی؟‘‘
قلندر اب پھنسنے لگا تھا۔ وہ بولا۔ ’’صاحب، آج کے دَور میں کون اپنے آپ پولیس کے قریب جاتا ہے؟ ہر کوئی ایسا کرنے سے خوف کھاتا ہے۔ مجھے ڈر تھا کہ پولیس والے مجھے دھر لیں گے اور تفتیش کرنا شروع کر دیں گے۔ سچ تو یہ ہے کہ مجھے تھانیداروں سے بڑا ڈر لگتا ہے۔‘‘ قلندر کی یہ بات سن کر سعید اور اکرم کو بھی ہنسی آ گئی۔ 
کرنل نے کہا۔ ’’لیکن پولیس والے تو تمہاری یہ بات سن کر غصہ ہونے کے بجائے مسکرا رہے ہیں۔ اس کی کیا وجہ ہے؟‘‘
’’ارے صاحب۔۔۔ آپ اسملک کی پولیس کو نہیں جانتے۔ ان کی مسکراہٹ میں بھی زہر ہوتا ہے۔ یہ مسکرا کر اپنے شکار کو قریب بلاتے ہیں اور پھر ڈس لیتے ہیں۔‘‘
’’اچھا! ایسا لگتا ہے کہ تمہاری ان سے اچھی خاصی واقفیت ہے۔‘‘
ظفر نے درمیان میں مداخلت کی اور بولا۔ ’’میں عدالت سے گزارش کرتا ہوں کہ بلاوجہ کے سوالات سے وقت ضائع کرنے کے بجائے مقدمہ سے متعلق سوالات کرنے کی تلقین کی جائے۔‘‘
’’آپ نوجوان ہیں اور جلد باز بھی۔ جب میں اپنی بات ختم کروں گا تو آپ کو تعلق سمجھ میں آ جائے گا۔ اس لئے سکون سے بیٹھیں۔‘‘ کرنل صاحب نے جج صاحب کے توسط کے بجائے بلواسطہ ظفر کو ڈانٹ دیا اور قلندر سے بولے۔ ’’قلندر، یہ بتاؤ کہ صفدر سے دوستی ختم کرنے کے باوجود تم اس کا ٹکٹ لینے کی خاطر ایشین ٹراویل کے دفتر میں کیوں کر پہنچ گئے۔ یہ بات سمجھ میں نہیں آئی؟‘‘
قلندر پوری طرح اپنی چرب زبانی کے جال میں پھنس چکا تھا۔ وہ ہکلاتے ہوئے بولا۔ ’’صاحب وہ۔۔۔ بات یہ ہے کہ۔۔۔ میں صفدر کی خاطر نہیں ، بلکہ ثریا کے کہنے پر وہ ٹکٹ لینے کی خاطر گیا تھا۔‘‘ قلندر گفتگو کا رُخ صفدر سے ہٹانا چاہتا تھا۔ 
’’لیکن چونکہ ثریا ہی اصل مجرم ہے اور اسی نے صفدر کو ورغلا کر یہ قتل کروایا۔۔۔ ایسے میں کیا تمہارا ثریا کے ساتھ تعاون کرنامناسب تھا؟‘‘
’’جی ہاں ! آپ اس پر یقیناً حیرت کر سکتے ہیں۔ لیکن آپ تو جانتے ہی ہیں ، اگر کوئی معزز خاتون گزارش کرے تو اس کا انکار کس قدر مشکل ہوتا ہے؟‘‘
’’خیر چلو۔۔۔ تمہاری یہ بات بھی مان لیتے ہیں۔ کیا یہ صحیح ہے کہ ٹکٹ کی قیمت ثریا نے ادا کی تھی؟‘‘
قلندر نے سکون کا سانس لیا اور بولا۔ ’’جی ہاں۔۔۔ یہ بالکل صحیح بات ہے۔‘‘
’’کیا تمہیں یہ پتہ ہے کہ ثریا کے دو بنکوں میں کھاتے ہیں ؟ ایک قومی بنک میں اور دوسرا نجی بنک میں ؟‘‘
قلندر سوچ میں پڑ گیا اور بولا۔ ’’جی نہیں جناب۔۔۔ یہ میں نہیں جانتا۔‘‘
’’ کیا تمہیں یاد ہے کہ اس نے کس بنک کا چیک تمہارے حوالے کیا تھا؟‘‘
ظفر کے لئے یہ سوال چونکا دینے والا تھا۔ قلندر بولا۔ ’’صاحب میں نے اس قدر غور تو نہیں کیا، اور اس کی مجھے ضرورت بھی کیا ہے۔ مجھے تو بس چیک دے کر ٹکٹ لینا تھا۔‘‘
’’دراصل ان دونوں بنکوں کے چیک خاصے مختلف ہوتے ہیں۔ ایک کا پس منظر لال اور دوسرے کا نیلا ہوتا ہے، جس کی وجہ سے ان کی شناخت نہایت آسان ہو جاتی ہے۔ اس لئے میں تمہاری یادداشت کو جانچنے کی خاطر یہ پوچھ رہا تھا۔‘‘
’’صاحب مجھے وہ رنگ بھی یاد نہیں۔ آخر ایک آدمی کیا کیا یاد رکھے بھلا؟‘‘
’’لیکن پھر بھی اندازاً کچھ تو کہہ سکتے ہو۔‘‘
قلندر نے سوچا نجی بنک کا نام لینا زیادہ قرینِ قیاس ہے اور بولا۔ ’’صاحب یقین کے ساتھ تو نہیں کہہ سکتا، لیکن شاید سرخ رنگ کا چیک تھا۔‘‘
’’تم نے بالکل صحیح کہا قلندر۔ بلا کی یادداشت ہے تمہاری۔‘‘
’’شکریہ جناب! آپ کی ذرہّ نوازی ہے۔‘‘
ظفر کی جان میں جان آئی۔ کرنل ڈیوڈ نے بات آگے بڑھائی اور پوچھا۔ ’’تم یہ تو بتا ہی چکے ہو کہ دوپہر کے وقت تم ٹکٹ لینے کی خاطر گئے تھے۔ کیا تمہیں وقت یاد ہے؟‘‘
’’جی ہاں جناب! یہ میں کیسے بھول سکتا ہوں۔‘‘
’’کیا وقت تھا؟‘‘
’’میں گھڑی نہیں باندھتا، اس لئے بالکل صحیح وقت تو نہیں بتا سکتا۔‘‘ قلندر نے آستین دکھلاتے ہوئے کہا۔ 
’’کوئی بات نہیں۔ تقریباً تین بج رہے ہوں گے؟‘‘
’’جی ہاں۔ اسی کے آس پاس۔ کچھ اِدھر اُدھر بھی ہو سکتا ہے۔‘‘
’’کچھ سے مطلب ایک آدھ گھنٹہ؟‘‘
’’جی ہاں جناب۔‘‘
’’اچھا اب میں آخری سوال تم سے کرنے جا رہا ہوں۔ اس لئے کم از کم اس کا صحیح جواب دے دینا۔‘‘
قلندر کو کرنل صاحب کا طنز ناگوار گزرا، لیکن وہ اسے کڑوا گھونٹ سمجھ کر نگل گیا۔ 
کرنل ڈیوڈ نے پوچھا۔ ’’تمہارے عدالت میں کیے جانے والے دستخط اور ایشین ٹراویل میں کیے جانے والے دستخط میں فرق کیوں ہے؟ تم کتنے قسم کی دستخط کرتے ہو؟‘‘
قلندر کے پاؤں تلے سے زمین کھسک گئی۔ ظفر بھی ڈر گیا۔ لیکن قلندر نے پھر اپنے آپ کو سنبھالا اور بولا۔ ’’صاحب، ہم میں سے ہر کوئی دو طرح کی دستخط کرتا ہے۔ ایک مختصر سی جسے انیشیل کہتے ہیں اور دوسری مکمل۔‘‘ ظفر اس جھوٹ پر ششدر رہ گیا۔ 
کرنل ڈیوڈ نے ایک کاغذ قلندر کی جانب بڑھاتے ہوئے کہا۔ ’’بہت خوب۔ ایسا کرو اس پر وہ ایشین والی مختصر دستخط کر دو۔‘‘
’’لیکن جناب آپ نے تو کہا تھا کہ وہ آخری سوال ہے۔ اب آپ اپنی بات سے مکر رہے ہیں۔‘‘ قلندر ڈر گیا تھا۔ 
’’جی نہیں۔۔۔ ایسی بات نہیں۔ یہ اُسی سوال کا حصہ ہے۔ کوئی نیا سوال نہیں ہے۔‘‘
قلندر کے ہاتھ کانپ رہے تھے۔ کرنل صاحب یہ دیکھ کر مسکرا رہے تھے۔ 
ظفر بولا۔ ’’کورے کاغذ پر لیے گئے قلندر کے اس دستخط کا بے جا استعمال ہو سکتا ہے۔‘‘
کرنل ڈیوڈ نے جواب دیا۔ ’’جی ہاں ، آپ نہایت ذہین وکیل ہیں۔ اپنے مؤکل کا بہت خیال کرتے ہیں۔ اس لئے ایسا کریں کہ آپ اس کاغذ کو خود رکھ لیں یا عدالت کے حوالے کر دیں ، تاکہ کوئی اندیشہ باقی نہ رہے۔‘‘ ظفر نے جھینپ کر کاغذ جج صاحب کے حوالے کر دیا۔ کرنل صاحب بولے۔ ’’میری جرح مکمل ہو گئی جج صاحب۔۔۔ شکریہ۔‘‘
قلندر واپس آ کر ناظرین میں بیٹھ گیا۔ 
کرنل ڈیوڈ نے اب جج صاحب کو مخاطب کر کے کہنا شروع کیا۔ ’’می لارڈ۔۔۔ مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جس گواہ کے ارد گرد یہ سارا مقدمہ رچایا گیا، وہ ماہر کذّاب ہے اور مجھے یہ تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں کہ اس قدر اعتماد کے ساتھ جھوٹ بولنے والا شخص میں نے آج پہلی بار دیکھا ہے۔‘‘
ظفر نے اعتراض کیا۔ ’’فاضل وکیل میرے مؤکل کی توہین کر رہے ہیں۔‘‘
’’میں ان الفاظ کے استعمال کے لئے معذرت چاہتا ہوں۔ خیر یہ شخص نہ ہی صفدر کو جانتا ہے اور نہ ثریا کو۔ ایشین ٹراویل کا ٹکٹ۔۔۔ جس کے بارے میں اس کا کہنا تھا کہ چیک ادا کر کے وصول کیا گیا، سراسر جھوٹ ہے۔ وہ ٹکٹ نقد ادائیگی کے ذریعہ وصول کیا گیا تھا۔ عدالت اس بات کی تصدیق کر سکتی ہے، بلکہ جو رسید عدالت میں جمع ہے، اس پر یہ بات درج ہے۔ اس کا کہنا یہ ہے کہ دوپہر تین بجے کے آس پاس اس نے ٹکٹ حاصل کیا۔ لیکن ایشین کا دفتر ایک سے پانچ بجے تک بند رہتا ہے۔ اس لئے ایک گھنٹے کے فرق سے بھی بات نہیں بنتی۔ نیز اس کے دونوں دستخط جو اس نے عدالت میں پہلے کئے تھے اور جو ابھی کئے ہیں ، اس دستخط سے میل نہیں کھاتے جو رسید کی پشت پر موجود ہیں۔ اس لئے نہ صرف یہ گواہ نقلی ہے بلکہ یہ ٹکٹ بھی جعلی ہے جو کسی اور نے صفدر کے لئے بنایا، تاکہ اُسے اِس مقدمے میں پھنسایا جا سکے۔‘‘
ظفر کی پیشانی پر پسینہ چمک رہا تھا۔ اس کا جی چاہ رہا تھا کہ کھڑا ہو کر بولے کہ وہ شخص کون ہے؟ عدالت اس کا پتہ لگائے۔ لیکن ہمت نہیں ہو رہی تھی۔ اس لئے وہ خود شکنجے میں پھنس چکا تھا۔ اسے صفدر والا خواب یاد آ رہا تھا۔ وہ سوچ رہا تھا کہیں خدانخواستہ وہ خواب سچ نہ ہو جائے اور صفدر واقعی پولیس کا آدمی نہ نکل آئے؟
کرنل ڈیوڈ نے کہا۔ ’’عدالت سے میری استدعا ہے، اگر فاضل وکیلِ مدعی کو کوئی اعتراض نہ ہو تو صفدر اور ثریا کو با عزت رہا کر دیا جائے۔‘‘
جج صاحب نے ظفر کی جانب دیکھا۔ جس کی سٹیّ گم تھی اور کہا۔ ’’مجھے افسوس ہے کہ ان دو بے قصور لوگوں کو جیل کی صعوبت برداشت کرنی پڑی۔ میں اُنہیں سارے الزامات سے با عزت بری کرتا ہوں اور انتظامیہ کو حکم دیتا ہوں کہ ان کی رہائی کا فوراً اہتمام کیا جائے۔‘‘ سمیہ خوشی سے جھوم اُٹھی تھی۔ 
ظفر نے وضاحت طلب کی۔ ’’کیا اس فیصلے کے بعد اس مقدمے کو ختم سمجھا جائے؟‘‘
کرنل ڈیوڈ نے کہا۔ ’’جی ہاں۔ مجھے اپنی تفتیش کے دوران خضر حیات کی ایک وصیت ہاتھ آئی ہے، جو ہسپتال میں موجود سینئر ڈاکٹر کی موجودگی میں لکھوائی گئی تھی۔‘‘ کرنل صاحب نے اس تحریر کی نقل عدالت میں جمع کراتے ہوئے کہا۔ ’’عدالت اگر ضروری سمجھتی ہے تو ڈاکٹرعاصمسے اس کی تصدیق کروا سکتی ہے۔ اس وصیت نامہ میں اس نے صاف طور پر لکھوایا تھا کہ یہ ایک اتفاقی حادثہ تھا، جس کے لئے کوئی بھی فردِ خاص ذمہ دار نہیں ہے۔ اس وصیت نامہ پر خضر حیات خاں کے دستخط موجود ہیں۔ اصلی دستخط جس کی تصدیق ہو سکتی ہے۔‘‘ کرنل ڈیوڈ نے یہ بات قلندر کی جانب دیکھ کر کہی۔ ’’کاش کہ اس دستاویز کا پتہ پہلے ہی سے لگا لیا جاتا اور مقدمہ پہلے ہی مرحلے میں دم توڑ دیتا۔‘‘
’’لیکن ایک سوال تشنہ رہ جاتا ہے کہ پھر خضر کی اہلیہ سمیہ نے یہ مقدمہ کیوں دائر کیا؟‘‘یہ جج صاحب کا استفسار تھا
’’اِس کی اوّلین وجہ تو یہ ہے کہ وہ خود اس وقت بیمار تھی۔ اس لئے اس وصیت کا علم اسے نہیں تھا۔ ثانیاً شوہر کی موت اور بیٹے کی بیماری نے اس کے دماغی توازن کو متاثر کر دیا تھا اور صدمہ کی حالت میں اس نے مقدمہ دائر کر دیا۔‘‘
جج صاحب نے کہا۔ ’’یہ آپ کیسے جانتے ہیں ؟‘‘
’’یہ میرے علاوہ اور کون جان سکتا ہے۔ میں اس کا باپ ہوں۔ وہ میری متبنیٰ بیٹی ہے۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو آپ اپنی بیٹی کے خلاف مقدمہ لڑ رہے تھے۔‘‘
’’جی ہاں جج صاحب! کبھی کبھار بچوں کی خوشی کے لئے یہ سب بھی کرنا پڑتا ہے۔‘‘
جج نے سمیہ کی جانب دیکھا اور اس نے اپنی بھیگی پلکوں سے انکل ڈیوڈ کی تائید کر دی تھی۔ 
یہ عجیب و غریب مقدمہ تھا، جس میں وکیل ظفر اقبال کو شکستِ فاش سے دوچار ہونا  پڑا، مگر اس کا مؤکل کامیاب ہو گیا تھا۔ 


۲۶

جشنِ تہنیت

گولڈن ٹرائنگل یعنی طلائی مثلث کنسٹرکشن کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی میٹنگ چل رہی تھی، جس میں تمام حصہ دار موجود تھے۔ ادارے کی سالانہ کار کردگی کا لیکھا جوکھا بیروت نژاد مارون الخوری پیش کر رہا تھا، جو اس ادارے کا ایک پارٹنر اور فائنانس ڈائریکٹر بھی تھا۔ رودادِ تجارت اس لحاظ سے کافی دلچسپ تھی کہ عالمی کساد بازاری کے باوجود گولڈن ٹرائنگل نے چند بہت بڑے سرکاری و نجی پراجکٹس کو حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کر لی تھی، جس سے آئندہ چند برسوں تک کام کا مسئلہ حل ہو گیا تھا۔ لیکن اسی کے ساتھ ساتھ گزشتہ برسوں میں کئے جانے والے کئی پراجکٹس کی بقایا جات نے سارے لوگوں کو فکرمند کر رکھا تھا۔ اس پہلو نے کمپنی کے مستقبل پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا تھا۔ گویا کہ مستقبل کی شاہراہ روشن تھی۔ اس پر استقبال کا بینر بھی سجا ہوا تھا۔ سواری تیار کھڑی تھی لیکن اس کے اندر ایندھن ندارد تھا۔ بات ایسی بھی نہیں تھی کہ ایندھن موجود ہی نہ ہو، لیکن جو کچھ بھی تھا وہ لوگوں پر قرضہ جات کے طور پر منتشر تھا۔ کمپنی کے سامنے سب سے بڑا چیلنج اِس سرمایہ کی باریابی تھا جس کی مدد سے مستقبل کے منصوبوں میں جان ڈالی جا سکے۔ سارے لوگ اس بات پر غور کر رہے تھے کہ آخر اس مسئلہ سے کیسے نمٹا جائے۔ مختلف تجاویز زیرِ غور تھیں جن میں سے ایک تو یہ تھی کہ بقایا جات پر کلی انحصار کرنے کے بجائے بنک سے رابطہ کر کے قرض کے طور پر سرمایہ مہیا کیا جائے۔ دوسرے یہ کہ وکلا سے رجوع کر کے قانونی چارہ جوئی کی جائے یا دیگر ذرائع سے گاہکوں پر دباؤ بنایا جائے۔۔۔ وغیرہ وغیرہ۔ اس بیچ مارون نے کہا کہ میرا خیال یہ ہے کہ اس جانب ہم سے بلکہ خاص طور پر مجھ سے کوتاہی ہوئی ہے۔ اس لئے کوئی انتہائی اقدام کرنے سے قبل میں اپنے طور پر ایک سنجیدہ کو شش کرنا چاہتا ہوں۔ 
’’یہ بات تو صحیح ہے، لیکن وہ اقدام کیا ہو، جس سے گاہک ناراض بھی نہ ہوں اور ہمارا سرمایہ بھی واپس آ جائے۔‘‘ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے تائید کی۔ 
’’جی ہاں جناب! یہ کام خاصہ مشکل ضرور ہے کہ سانپ بھی مرے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے، لیکن ناممکن نہیں ہے۔‘‘ مارون نے بات آگے بڑھائی۔ ’’میرا خیال یہ ہے کہ ہمیں اس کام کے لئے اپنے اندر سے کسی ایک فرد کا انتخاب کرنا چاہئے، جس کی واحد ذمہ داری گاہکوں سے قرضہ جات کی وصولی ہو۔‘‘
اس تجویز سے وہ تمام لوگ سہم گئے جن پر یہ ذمہ داری آ سکتی تھی۔ اس لئے کہ کوئی بھی اس مصیبت کو پالنا نہیں چاہتا تھا۔ اس وجہ سے مختلف نوعیت کے اعتراضات سامنے آنے لگے۔ مثلاً۔۔۔ 
’’یہ تو بڑا نازک کام ہے۔۔۔۔۔۔‘‘
’’ہمیں اس کا تجربہ نہیں ہے۔۔۔۔۔۔‘‘
’’ہم ان کاموں میں لگ جائیں گے تو وہ دُوسرے کام کون کرے گا جو ہمارے ذمہ ہیں۔۔۔۔۔۔ ؟‘‘
’’فی الحال نئے پراجکٹس کے باعث ہم پر ویسے ہی کام کا خاصہ دباؤ ہے۔۔۔۔۔۔‘‘
۔۔۔ وغیرہ وغیرہ۔ گویا ہر کوئی اپنے انداز میں اپنا دفاع کر رہا تھا۔ 
مارون الخوری نے مداخلت کرتے ہوئے کہا۔ ’’شاید میرے ذریعہ الفاظ کے بے جا استعمال نے غلط فہمی پیدا کر دی ہے۔ ہم سے میری مراد صرف وہ لوگ نہیں ہیں جو اس کمرے میں موجود ہیں ، بلکہ وہ تمام لوگ ہیں جو گولڈن ٹرائینگل سے منسلک ہیں۔‘‘
مارون کی صفائی نے مکدّر فضا کو صاف کیا۔ اب لوگ اس تجویز پر مثبت انداز میں غور کرنے لگے تھے۔ 
منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا۔ ’’مجھے یقین ہے کہ اس کام کے لئے مناسب شخص کا انتخاب ہمارے مسائل کو حل کر سکتا ہے۔‘‘
پراجیکٹ منیجر بولا۔ ’’لیکن میرے ساتھ کام کرنے والے انجینئرس کو اس کا تجربہ نہیں ہے اور وہ شاید اس کام کو اپنے پیشے سے انحراف بھی سمجھ سکتے ہیں۔ میرا خیال ہے شعبۂ مالیات کو یہ ذمہ داری اپنے سر لے لینی چاہئے۔‘‘
فائنانس منیجر نے خطرے کی گھنٹی کو محسوس کر لیا۔ وہ بولا۔ ’’جناب، بات دراصل یہ ہے کہ ہمارا شعبہ کافی مختصر ہے اور اِس میں پیشہ ور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کام کرتے ہیں۔ ان کو اس کام میں لگانا گویا ریس کے قیمتی گھوڑے کو گاڑی میں جوتنے کے مترادف ہو گا۔ کیوں نہ اس کے لئے کسی نئے فرد کا انتخاب کیا جائے؟‘‘
’’میرے خیال میں کسی نئے آدمی کو لینا اور پھر اس کی مناسب تربیت کے بعد اس سے نتائج کی توقع کرنا ایک دیرپا عمل ہے اور یہ مسئلہ اس قدر سنگین ہے کہ ہمیں تاخیر کی اجازت نہیں دیتا۔‘‘ مارون نے اس تجویز کو بلاواسطہ مسترد کر دیا۔ 
منیجنگ ڈائریکٹر کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو تا جا رہا تھا۔ وہ بولا۔ ’’یہ عجیب صورتحال ہے کہ مسئلہ کی سنگینی سے اتفاق کرنے کے باوجود کوئی آگے آنا نہیں چاہتا۔۔۔ ؟ پراجکٹ مینجمنٹ کے لوگ اس گیند کو اکاونٹس کی جانب اچھالتے ہیں تو وہ اسے پالے سے باہر کر دیتا ہے۔ اگر انجینئرس اور اکاؤنٹنٹ اس کام کو نہیں کر سکتے تو کیا اپنا صفدر اس کام کو کرے گا؟‘‘
صفدر کا نام سنتے ہی مارون کے دماغ میں بجلی سی کوند گئی۔ وہ بولا۔ ’’کیا بہترین تجویز ہے جناب۔ صفدر ایک پڑھا لکھا نوجوان ہے جو برسوں سے ہمارے ساتھ کام کر رہا ہے۔۔۔ اور ہم اس سے چائے بنانے کی خدمت لے رہے ہیں ، جو ایک لحاظ سے استحصال بھی ہے۔ کیوں نہ چائے وغیرہ کے لئے کسی نئے آدمی کو لے کر صفدر کو آزمایا جائے۔۔۔ ؟ میرے خیال میں اس کی خوش اخلاقی اور صبر و ضبط اسے اور ہمیں کامیابی سے دوچار کر دے گی۔‘‘
مارون کی بات نے وہاں موجود حضرات کو حیرت زدہ کر دیا تھا۔ لیکن اس کے ذریعہ سے ان کی جان چھوٹتی تھی۔ اس لئے سب نے ایک زبان ہو کر تائید کر دی۔ اس پر انسانی وسائل کے منیجر نے کہا۔ ’’ہم لوگ کس خیالی دُنیا کی سیر کر رہے ہیں ؟ کیا آپ لوگوں کو پتہ ہے کہ صفدر فی الحال کہا ں ہے؟‘‘
پراجیکٹ منیجر نے وضاحت کی۔ ’’جی ہاں جناب! ہمیں تو خوب پتہ ہے۔ شاید آپ کو پتہ نہ ہو کہ کل وہ پولیس کی حراست سے رِہا ہو گیا ہے۔‘‘
’’اچھا!‘‘ منیجنگ ڈائریکٹر نے چونک کر کہا۔ ’’یہ تو بڑی اچھی خبر ہے اور ثریا کا کیا بنا؟‘‘
’’ثریا! وہ بھی بَری ہو گئی۔ ممکن ہے دوچار دنوں کے بعد وہ پھر آپ کے دفتر میں ہنستی چہکتی نظر آئے۔‘‘
’’یہ تو بہت بڑی خبر ہے۔ لیکن افسوس کہ کسی نے مجھ کو اس کی اطلاع ہی نہ دی۔‘‘ منیجنگ ڈائریکٹر نے رابطہ عامہ کے ذمہ دار کی جانب دیکھ کر کہا۔ 
اس کے جواب میں انسانی وسائل کے منیجر نے بتلایا۔ ’’ہمارا ایک افسر قلندر اِن دونوں کی خبرگیری پر متعین ہے۔ میں اُس سے رابطہ قائم کر کے تازہ صورتحال معلوم کرتا ہوں۔‘‘
پراجیکٹ منیجر بولا۔ ’’کیا قلندر آپ کا آدمی ہے؟‘‘
’’جی ہاں ! اُسے ہم نے گزشتہ ماہ ملازمت پر رکھا اور اس کام پر لگا دیا۔ کیوں۔۔۔ آپ کو کوئی اعتراض تو نہیں ؟‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ اس کا نام اس مقدمے میں گواہ کی حیثیت سے سنا گیا تھا۔ اس لئے مجھے حیرت ہے۔‘‘
’’کیا۔۔۔ گواہ؟ آپ کیسی باتیں کرتے ہیں ؟‘‘
’’جی ہاں جناب! آپ کو پتہ ہونا چاہئے کہ آپ نے کس آدمی کو کس کام کے لئے لیا اور وہ کیا کر رہا ہے؟‘‘
’’یہ تو آپ مجھ پر سنگین قسم کی الزام تراشی کر رہے ہیں۔‘‘
مارون الخوری نے مداخلت کرتے ہوئے کہا۔ ’’شاید ہم اپنے موضوع سے دُور نکل گئے ہیں۔ میں شرکاء سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اصل مسئلہ کی جانب لوٹ کر آئیں۔‘‘
منیجنگ ڈائریکٹر بولا۔ ’’میرا خیال ہے ہمیں صفدر والی تجویز کا تجربہ کر کے دیکھنا چاہئے۔ اسی کے ساتھ ثریا اور صفدر کی اس آزمائش سے نجات کا جشن بھی منانا چاہئے۔ وہ دونوں بیچارے بلاوجہ کی مصیبت میں گرفتار ہو گئے تھے، اور خضر کی بیوہ سمیہ کا کیا حال ہے؟ خضر ہماری کمپنی کا نہایت ہونہار انجینئر تھا۔ ہمیں چاہئے کہ اس کی اہلیہ سمیہ کو بھی کسی مناسب عہدے کی پیش کش کریں جو اس کی صلاحیت کے حسبِ حال ہو۔‘‘
’’جی ہاں ہم یہ سب ضرور کریں گے۔‘‘ مارون بولا۔ ’’کیا میں صفدر سے متعلق کسی فیصلے کو لکھ سکتا ہوں ؟‘‘
’’ہاں ! اس کا اکاؤنٹس کے شعبہ میں تبادلہ کر دیا جائے اور ضروری تربیت کے بعد اس کام پر لگا دیا جائے۔ لیکن اس سے پہلے پارٹی ہونی چاہئے۔‘‘
’’بلکہ اسی پارٹی میں اگر صفدر کی ترقی کا اعلان ہو جائے تو کیا بہتر ہے۔‘‘ مارون الخوری کے اس جملے کے بعد نشست برخواست ہو گئی۔ 
ثریا اور صفدر کے اعزاز میں جشن کا اہتمام شہر کے مشہور ہوٹل میں کیا گیا تھا۔ ان دونوں کے علاوہ سمیہ بھی اس میں مدعو تھی اور تینوں سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے دوست و احباب کو بھی دعوت دے سکتے ہیں۔ ایسے موقع پر کرنل انکل کی موجودگی نے خوشی کو دوبالا کر دیا تھا۔ ویسے بھی مقدمہ کے بعد وہ بے حد مقبول ہو گئے تھے۔ سمیہ نے پرویز اور پروین کو بھی بلایا تھا۔ وہ ظفر اقبال کو بھی نہیں بھولی تھی۔ صفدر نے اپنے دیگر دوستوں کے علاوہ وکیل جلول جلال کو بھی دعوت دی تھی۔ ثریا نے چھمیہ بیگم اور ہسپتال کے دیگر ملازمین کو بھی دعوت دی تھی۔ قلندر ایک ایسا شخص تھا جو مقدمہ کے ختم ہوتے ہی گدّھے کے سر سے سینگ کی طرح غائب ہو گیا تھا۔ اس لئے اسے بلایا نہ جا سکا تھا۔ 
کمپنی کی اس پارٹی میں سب سے پہلے خضر حیات کی موت پر اظہارِ تعزیت کیا گیا اور اس کی خدمات کو سراہا گیا۔ اس کے بعد ثریا کی تعریف و توصیف اور بالآخر صفدر کے تبادلے اور ترقی کا اعلان بھی ہو گیا۔ چہار سوُ خوشی اور مسرت کی فضا تھی۔ کرنل ڈیوڈ بہت خوش تھے، لیکن ان سے زیادہ خوشی سکندر کے چہرے پر نمایاں تھی۔ وہ خوشی سے کلکاریاں مار رہا تھا۔ حالانکہ نہیں جانتا تھا کہ وہ اتنا خوش کیوں ہے؟ تہنیت کا مرحلہ جب ختم ہوا تو اظہارِ تشکر کا آغاز ہوا۔ سمیہ، ثریا اور صفدر، تینوں نے اپنے اپنے مخصوص انداز میں شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد خورد و نوش کا آغاز ہو گیا۔ انواع واقسام کے کھانے سجے ہوئے تھے۔ لوگ اپنی اپنی پسند کے پکوان سے لطف اندوز ہو رہے تھے اور اپنے من پسند دوستوں کے ساتھ مختلف میزوں پر محوِ گفتگو تھے۔ 
کرنل ڈیوڈ، سکندر، پرویز، پروین، چھمیہ اور ظفر ایک ٹیبل پر جمع تھے۔ ثریا اور صفدر اپنے دفتری ساتھیوں میں گھرے ہوئے تھے۔ ہر کوئی ان سے مل رہا تھا اور مبارکباد دے رہا تھا۔ پرویز کو اس موقع پر مذاق سوجھا اور وہ بولا۔ ’’ایسا لگ رہا ہے گویا صفدر اور ثریا کے نکاح کا جشن ہے اور لوگ ان دونوں کو شادی کی مبارکباد دے رہے ہیں۔‘‘
پروین کو پرویز کے اس بھونڈے مذاق پر غصہ آگیا۔ وہ چڑ کر بولی۔ ’’آپ کو کچھ بولنے سے پہلے ایک لمحہ کے لئے رُک کر سوچنا چاہئے۔ بس۔۔۔ جو منہ میں آیا۔۔۔ بک دیا۔‘‘
پرویز بولا۔ ’’اس میں کون سی ایسی بُری بات ہو گئی جو تم آگ بگولہ ہو رہی ہو۔‘‘
’’کیوں۔۔۔ کسی کو کسی کی بیوی بنا دینا کوئی بُری بات نہیں لگتی۔ ایسا کہتے ہوئے تمہیں شرم آنی چاہئے۔‘‘
چھمیہ بولی۔ ’’پروین۔۔۔ تم بلاوجہ غصہ ہو رہی ہو۔ پرویز نے نہ کسی کو کسی کی بیوی بنایا ہے اور نہ شوہر! بس یہی تو کہا کہ ایسا لگتا ہے۔ اب لگنے کو تو کچھ بھی لگ سکتا ہے۔‘‘
’’تم چپ کرو چھمیہ۔ کل کو انہیں سمیہ اور ظفر میاں بیوی لگنے لگیں تو تم کیا کہو گی؟‘‘
اِس سے پہلے کہ چھمیہ کوئی جواب دیتی، سمیہ بول پڑی۔ ’’دیکھو پروین، تم اپنے آپس کے جھگڑے میں مجھے نہ گھسیٹو۔‘‘
چھمیہ نے کہا۔ ’’مجھے اس پر بھی کوئی اعتراض نہ ہو گا۔ لگنے کو کچھ بھی لگ سکتا ہے اور جو لگتا ہے وہ ضروری نہیں کے حقیقت ہو۔‘‘
ظفر نے کہا۔ ’’بہتر ہے کہ ہم لوگ کسی اور موضوع پر بات کریں۔‘‘
پرویز بولا۔ ’’نہیں۔ میں اس معاملے میں سنجیدہ ہوں۔ میرا خیال یہ ہے کہ سمیہ کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر صفدر اور ثریا کا رشتہ کروانا چاہئے۔‘‘
پروین بولی۔ ’’ظفر بھائی! آپ ان کو نہیں جانتے۔ یہ جس بات کو پکڑ لیتے ہیں تو پھر آسانی سے نہیں چھوڑتے۔ میرا تو خیال ہے کہ اب ان دونوں کا نکاح کروا کر ہی دم لیں گے۔‘‘
’’لیکن اس میں حرج ہی کیا ہے؟‘‘ چھمیہ بولی۔ ’’دونوں غیر شادی شدہ ہیں ! ہم عمر ہیں !! ہم پیشہ ہیں !!! ایک دوسرے سے واقف ہیں ، وغیرہ وغیرہ۔۔۔ اور کیا چاہئے؟‘‘
’’یہ ’’وغیرہ وغیرہ‘‘ بہت ہی معنیٰ خیز ہے۔ اس کے پیچھے بہت سارے تضادات چھپے ہوئے ہیں۔ ان میں سے ایک اعلیٰ عہدے پر فائز ہے اور دوسرا ادنیٰ پر۔۔۔ ایک کا تعلق ملیشیا اور دوسرے کا تعلق مراقش سے ہے۔ گویا دونوں کے درمیان شرق و غرب کا فاصلہ۔۔۔‘‘ یہ سمیہ بول رہی تھی۔ 
’’ویسے آجکل زمان و مکان کے یہ فاصلے بے معنی ہو چکے ہیں۔ اصل چیز ذہن کی ہم آہنگی ہے اور وہ بھی کسی خاص اہمیت کی حامل نہیں۔ ہم دونوں اس کے بغیر ایک دوسرے کے ساتھ گزارہ کر ہی رہے ہیں۔‘‘ پرویز کا اشارہ پروین کی جانب تھا۔ 
پروین لپک کر بولی۔ ’’آپ اپنی خرافات سے مجھے مہربانی کر کے دُور ہی رکھیں۔‘‘
’’ٹھیک ہے سرکار۔۔۔ آپ کا حکم سر آنکھوں پر۔ لیکن آپ بھی برائے کرم اپنے آپ کو دخل اندازی سے باز ہی رکھیں خیر۔۔۔‘‘ پرویز کہہ رہا تھا۔ ’’سمیہ! مجھے پتہ ہے کہ ان دونوں میں کافی فرق ہے۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو یہ خود ہی ریشمی ڈور میں بندھ جاتے۔ لیکن چونکہ یہ کام مشکل ہے اسی لئے تمہاری ماہرانہ صلاحیتوں کی گہار لگائی جا رہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ تم اگر مجھے اور۔۔۔‘‘
پروین نے ٹوک دیا۔ ’’آپ پھر بدعہدی کرنے جا رہے ہیں۔‘‘
’’جی ہاں ، شکریہ! میں معذرت چاہتا ہوں۔۔۔ تو سمیہ، آپ میری بات سمجھ گئی ہوں گی۔‘‘
ڈیوڈ، جو اِس گفتگو سے لطف اندوز ہو رہے تھے، بول پڑے۔ ’’مجھے اس تجویز میں کوئی خرابی نظر نہیں آتی۔ کوشش کرنے میں کیا حرج ہے؟ اگر ہونا ہو گا تو ہو جائے گا۔ ورنہ نقصان ہی کیا ہے؟‘‘
’’یہ ہوئی نا مردوں والی بات۔‘‘ پرویز کو اپنا ایک حامی مل گیا تھا۔ 
سمیہ انکل کی تائید کے بعد سنجیدہ ہو گئی اور بولی۔ ’’لیکن اس معاملے میں مجھے آپ لوگوں کا تعاون درکار ہو گا۔ اگر آپ لوگ اس بارے میں صفدر کی تائید حاصل کر لیں تو میں ثریا پر کام کر سکتی ہوں۔‘‘
’’میری خدمات حاضر ہیں۔ آپ فرمائیں کہ میں کیا کر سکتا ہوں ؟‘‘ پرویز بولا۔ 
پروین نے پھر مداخلت کی۔ ’’سمیہ اگر آپ واقعی کچھ کرنا چاہتی ہیں تو اُنہیں دُور ہی رکھیں ، ورنہ اچھا خاصہ کام بگڑ جائے گا۔‘‘
چھمیہ مسکرا کر بولی۔ ’’اس کا مطلب ہے پروین بی بی آپ بھی چاہتی ہیں کہ یہ کام خراب نہ ہو، اور صفدر کی ثریا سے شادی ہو جائے۔‘‘
پروین جھینپ گئی اور بولی۔ ’’میرا مطلب ہے اس کام کے لئے کرنل صاحب زیادہ مناسب ہیں۔‘‘
پرویز نے کرنل ڈیوڈ کی جانب دیکھا تو وہ بولے۔ ’’میں بھی حاضر ہوں۔ یہ دونوں لوگ پچھلے دنوں جن آزمائشوں سے گزرے ہیں ، اس کے باعث مجھے ان سے ہمدردی ہو گئی ہے۔‘‘
سمیہ بولی۔ ’’ٹھیک ہے۔۔۔ تو یہ طے ہو گیا کہ صفدر سے انکل اور ثریا سے میں بات کروں گی۔‘‘
’’اور میں تقریبِ نکاح کی دیگر تیاریوں میں لگ جاتا ہوں۔ اس لئے کہ مجھے یقین ہے کہ جلد ہی ہم ولیمہ کی محفل میں اسی طرح جمع ہوں گے۔‘‘پرویز نے ساری گفتگو کا خلاصہ پیش کر دیا۔ 
اس دوران ظفر اقبال بالکل خاموش بیٹھا ہوا تھا۔ وہ سوچ رہا تھا کہ آخر سمیہ کے بارے میں کوئی کیوں نہیں سوچتا؟ ساری گفتگو صرف اور صرف صفدر اور ثریا تک محدود کیوں ہے؟ اس کا جی چاہا کہ اس حوالے سے کچھ بولے، لیکن پھر کچھ سوچ کراس نے خاموشی پر اکتفا کیا۔ 



۲۷

تال میل


’’اَنکل۔۔۔ کیا آپ کی صفدر سے بات ہوئی؟‘‘
’’ہاں۔۔۔ لیکن پہلے تم بتاؤ کہ ثریا نے کیا کہا؟‘‘
’’چونکہ سوال میں نے پہلے کیا ہے، اس لئے آپ کو پہلے جواب دینا چاہئے۔‘‘
’’تمہارے سوال کا جواب تو میں نے دے دیا کہ میری بات چیت ہوئی ہے۔ اب تم میرے سوال کا جواب دو کہ ثریا نے تم سے کیا کہا؟‘‘
’’اگر میں یہ کہوں کہ میری ثریا سے کوئی بات ہی نہیں ہوئی ہے تو۔۔۔ ؟‘‘
’’میں کہوں گا کہ تم جھوٹ بول رہی ہو۔‘‘
’’کیا۔۔۔ ؟ اپنی بیٹی کے بارے میں آپ اتنی بڑی بات کہہ دیں گے؟‘‘
’’نہیں۔۔۔ میرا مطلب ہے میں کہوں گا کہ تم اپنے بوڑھے انکل سے دل لگی کر رہی ہو، اُسے بیوقوف بنا رہی ہو۔‘‘
’’ہاں آپ کی یہ بات صحیح ہے۔ لیکن میں آپ کے سوال کا جواب دینے سے قبل صفدر کا جواب جاننا چاہتی ہوں۔‘‘
’’تو سنو۔۔۔ صفدر کا کہنا ہے کہ یہ ناممکن ہے۔‘‘
’’وہ کیوں ؟‘‘
’’اس لئے کہ اس کے خیال میں اوّل تو ثریا اُسے مسترد کر دے گی اور اگر وہ ایسا نہیں بھی کرتی ہے تو اس کے والد کبھی بھی اس کے لئے تیار نہیں ہوں گے۔ اس کے والد عبداللہ کُٹی کی رائے مغرب یعنی مراقش کے بارے میں اچھی نہیں ہے، اور وہ اپنے والد صاحب کی مرضی کے خلاف شادی نہیں کر سکتا۔ اب تم بتاؤ کہ ثریا کی کیا مرضی ہے؟‘‘
’’ثریا کا جواب بھی ملتا جلتا ہی ہے۔ اُس کا کہنا ہے کہ اگر صفدر اس تجویز کو تسلیم بھی کر لے تو اس کی امی کسی صورت بھی اس کے لئے راضی نہیں ہوں گی۔‘‘
کرنل ڈیوڈ نے بات کاٹتے ہوئے کہا۔ ’’اس لئے کہ اس کی امی کی رائے مشرق بعید کے بارے میں خراب ہے اور وہ اپنی امی کو ناراض نہیں کر سکتی۔‘‘
’’یہ آپ کو کیسے پتہ چل گیا؟‘‘
’’کامن سینس۔۔۔ بیٹی۔۔۔ کا من سینس۔‘‘
’’تب تو یہ بڑا مسئلہ ہے کہ ان دونوں احمقوں نے اپنی زندگی کا فیصلہ ان لوگوں پر ڈال دیا جو ایک دوسرے سے بلاوجہ نفرت کرتے ہیں۔ ایسے میں زوجیت کی یہ بیل کبھی بھی پروان نہیں چڑھ سکتی۔‘‘
’’لیکن بیٹی۔۔۔ میں ان دونوں کی سوچ میں زبردست یکسانیت دیکھ رہا ہوں۔ دونوں کو اپنے والدین کا بڑا پاس و لحاظ ہے۔ اس لئے اگر یہ دونوں ایک ساتھ ہو جاتے ہیں تو یقیناً یہ ایک دوسرے کے والدین کا بھی خوب احترام کریں گے اور ان کی زندگی اچھی گزرے گی۔‘‘
’’لیکن جب ملیں گے تب نا؟ اب مسئلہ ان دونوں کو ملانے کا نہیں ، بلکہ ان کے والدین کو ملانے کا ہے۔ مطلب دو کے بجائے چار لوگوں کو سمجھانے کا ہے۔‘‘
’’لیکن یہ بھی تو ہو سکتا ہے کہ ہم دو کو سمجھائیں اور وہ دو بقیہ دو کو سمجھائیں۔ اس طرح ہمارا کام ہلکا ہو جائے۔ ویسے کوشش کرنے میں کیا حرج ہے۔۔۔ اگر۔۔۔‘‘
سمیہ بیچ میں بول پڑی۔۔۔ ’’ہونا ہو گا تو ہو جائے گا ورنہ نقصان ہی کیا ہے ؟‘‘ اور دونوں باپ بیٹی ہنسنے لگے۔ 
’’کیا آپ نے صفدر کے والد کا فون نمبر یا ای۔ میل وغیرہ لے لیا ہے؟‘‘
’’ہاں۔۔۔ اس کے بغیر ان سے کیوں کر رابطہ ممکن ہے۔۔۔ ! اور تم نے؟‘‘
’’میں نے نہیں لیا، لیکن لے لوں گی اور ثریا کی امی سے رابطہ کروں گی۔‘‘
’’بہت خوب۔۔۔ میری نیک خواہشات تمہارے ساتھ ہیں۔‘‘
کرنل ڈیوڈ کے لئے یہ کام خاصہ مشکل تھا۔ اس لئے کہ انہوں نے یہ کبھی بھی نہیں کیا تھا۔ ان کی اپنی شادی والدین نے طے کر دی تھی اور سمیہ نے خود اپنے لئے زوج کا انتخاب کر لیا تھا۔ اس لئے انہیں اس کام کو کرنے کا موقع ہی نہ مل سکا تھا۔ خیر، صفدر کے لئے وہ اس تجربہ سے بھی گزرنا چاہتے تھے۔ 
سب سے پہلے انہوں نے صفدر کے والد عبداللہ کو ایک میل بھیج کر اپنا تعارف کرایا اور بتلایا کہ وہ صفدر کے گھر سے قریب رہتے ہیں اور اسے پسند کرتے ہیں ، ساتھ ہی پارٹی کی کچھ تصویریں بھی روانہ کر دیں ، جن میں صفدر شاندار کوٹ پتلون میں مہمانوں سے مل رہا تھا۔ ان تصویروں میں سے ایک دو ایسی بھی تھیں جن میں اس کے ساتھ ثریا اور وہ خود بھی دکھائی دیتے تھے۔ 
صفدر کے والد عبداللہ اپنے بیٹے کی تصویریں دیکھ کر بہت خوش ہوئے اور کرنل صاحب کا شکریہ ادا کیا۔ دراصل عبداللہ کٹی میں نام کے علاوہ ہر چیز ملیشیائی تھی۔ اس کے پردادا کسی تجارتی جہاز کے ذریعہ کیرالا سے ملیشیا گئے اور وہیں کے ہو کر رہ گئے۔ بعد میں ایک ملیشیائی خاتون سے شادی نے ان کے قیام کو دوام بخش دیا۔ اس کے بعد ان کے دادا جان نے بھی ہندوستان کا رُخ نہیں کیا اور وہیں شادی کر لی۔ صفدر کے والد کا رنگ، قد، زبان اور لب و لہجہ، سب کچھ بدل چکا تھا۔ صرف نام کے ساتھ وہ کٹی لگایا کرتے تھے۔ صفدر نے اس کا استعمال بھی بند کر دیا تھا۔ اس لئے کہ یہاں قطر میں اس سے بڑی غلط فہمی پیدا ہو جاتی تھی لوگ اسے ملباری سمجھنے لگتے تھے۔ دوچار مرتبہ کی خط کتابت کے بعد کرنل صاحب نے عبداللہ کٹی سے فون پر پوچھا کہ وہ اپنے بیٹے کی شادی کے بارے میں کیا سوچتے ہیں ؟
عبداللہ کا جواب تھا۔ ’’میں کچھ نہیں سوچتا۔ اس لئے کہ اس نے بے شمار رشتوں کو مسترد کر کے مجھے اور اپنی امی کو مایوس کر دیا ہے۔ اس لئے ہم نے اس معاملے کو ٹھنڈے بستہ میں ڈال کر صبر کر لیا ہے۔‘‘
’’لیکن اب اگر وہ تیار ہو جائے تو آپ کا کیا خیال ہے؟‘‘
’’مجھے اس سے بے حد خوشی ہو گی، لیکن دوبارہ میں کسی لڑکی سے بات چلا کر رُسوائی اُٹھانے سے ڈرتا ہوں۔‘‘
’’اور اگر اس کا امکان نہ ہو تو؟‘‘
’’کیا مطلب۔۔۔ وہ ہماری پسند کی لڑکی کو بلا چوں چرا اپنی بیوی بنا لے گا؟‘‘
’’جی نہیں۔ میرا مطلب ہے اگر وہ کسی کو بیوی بنا لے تو کیا آپ اُسے بہو بنا لیں گے؟‘‘
’’اگر وہ کسی سے شادی کر ہی لے تو ہمارے بہو بنانے یا نہ بنانے سے کیا فرق پڑتا ہے؟‘‘
’’آپ کو نہیں ، لیکن اُسے پڑتا ہے؟‘‘
’’کیا مطلب؟‘‘
’’اُس کا کہنا ہے کہ وہ آپ کی مرضی کے بغیر شادی نہیں کر سکتا۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ اگر ایسا ہے تو اس سے کہیں کہ وہ جس سے چاہے نکاح کرے، اور ہماری مرضی کو اس میں شامل سمجھے لیکن  شادی کر کے اپنا گھر بسا لے۔ اس سے پہلے کہ بہت زیادہ تاخیر ہو جائے۔‘‘
’’آپ کا بہت بہت شکریہ۔ لیکن یہ شادی اس وقت تک نہیں ہو سکتی جب تک کہ آپ اس کی امی کے ساتھ یہاں تشریف نہیں لاتے۔‘‘
’’اُس سے کیا فرق پڑتا ہے؟ آپ تصویریں روانہ کر دینا۔‘‘
’’آپ کو نہیں مگر اُسے پڑتا ہے۔‘‘
’’اُسے ہی کیوں۔۔۔ ہمیں بھی پڑتا ہے۔ ہم ضرور آئیں گے۔ آپ ہمیں تاریخوں سے آگاہ کر دیں۔ ہم سارے کام کاج چھوڑ کر آ جائیں گے۔ اس لئے کہ اس عمر میں ہمارے لئے اس سے بڑی کوئی اور خوشی نہیں ہے۔‘‘
’’شکریہ۔ میرا خیال ہے کہ صفدر کے لئے بھی آپ کی اس یقین دہانی سے بڑی خوشی کی کوئی اور بات نہیں ہو گی۔‘‘
فون بند ہو گیا۔ عبداللہ اپنی پلکوں سے آنسو پونچھ رہا تھا۔ یہ خوشی کے آنسو تھے۔ 





سمیہ اور ثریا فون کے آس پاس بیٹھی ہوئی تھیں۔ ثریا نے اسپیکر چالو کر کے اپنی امی رقیہ کا نمبر ملایا۔ سامنے سے آواز آئی۔ ’’بولو بیٹی۔۔۔ تم کہاں غائب ہو گئی تھیں ؟ نہ تمہارا فون اور نہ ہمارے فون کا جواب۔۔۔ خیریت تو ہے؟‘‘
’’سب خیریت ہے امی۔ آپ بتائیں کیسی ہیں ؟ گھر میں سب لوگ کیسے ہیں ؟‘‘
’’سبھی اچھے ہیں۔ لیکن سب کو ایک تمہاری فکر ستا تی رہتی ہے۔ بلکہ ہم لوگوں نے سوچ لیا تھا کہ اب اگر تم سے رابطہ قائم ہو جاتا ہے تو تم سے واپس آنے کے لئے کہیں گے۔ تم دو سال کے لئے گئی تھیں ، اب سات سال ہو چکے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ بہت ہو چکا۔ اب بہتر یہ ہے کہ تم اپنی امی اور ابو کے پاس واپس آ جاؤ۔ تمہارا بھائی برسرِروزگار ہو چکا ہے، اُسے سرکاری ملازمت مل گئی ہے۔ اس لئے اب تمہیں مزید پردیس میں رہنے کی چنداں ضرورت نہیں۔ ہمارا بہت جی چاہتا ہے کہ تمہارے ساتھ رہیں۔‘‘ رقیہ بے تکان بولے جا رہی تھی۔ 
ثریا بولی۔ ’’جی ہاں امی۔۔۔ میرا بھی آپ لوگوں سے ملنے کا بہت جی چاہتا ہے۔۔۔ اور ہاں ، یہ میری سہیلی آپ سے کچھ بات کرنا چاہتی ہے۔‘‘
’’السلام علیکم آنٹی۔‘‘ یہ سمیہ تھی۔ 
رقیہ کو محسوس ہوا جیسے سامنے سے اس کی اپنی آواز آ رہی ہے۔ وہ بولی۔ ’’وعلیکم السلام بیٹی! تم کیسی ہو؟‘‘ بلا کی اپنائیت تھی اس لہجہ میں۔ 
سمیہ نے جواب دیا۔ ’’میں تو اچھی ہوں۔ آپ کیسی ہیں ؟‘‘
’’میں بھی اچھی ہوں ، کہو کیا کہنا چاہتی ہو؟‘‘
’’جی۔۔۔ آپ ثریا کو وہاں بلا رہی ہیں اور ثریا آپ کو یہاں بلانا چاہتی ہیں۔‘‘
’’کیوں خیریت تو ہے؟‘‘
’’سب کچھ خیریت ہے۔ دراصل میں نے ثریا کے لئے ایک لڑکا تلاش کیا ہے۔ لیکن ثریا کا کہنا یہ ہے کہ اپنے والدین کی مرضی اور موجودگی کے بغیر وہ کچھ بھی نہیں کر سکتی۔‘‘
’’اچھا تو مسئلہ صرف ہماری مرضی اور موجودگی کا ہے؟‘‘
’’جی ہاں آنٹی۔ اگر یہ دونوں باتیں ہو جائیں تو اور کوئی مسئلہ نہیں ہے۔‘‘
’’اگر ایسا ہے تو یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔‘‘
ثریا کا چہرہ کھل اُٹھا۔ 
سمیہ بولی۔ ’’یہ تو بہت اچھی بات ہے۔ میں ایسا کروں گی کہ آپ کو تفصیل سے آگاہ کر دوں گی۔‘‘
’’بہت شکریہ۔ تم ایسا کرو کہ فون ثریا کو دے دو۔‘‘
’’جی امی۔‘‘ ثریا بولی۔ 
’’بہت مبارک بیٹی۔ تمہاری سہیلی بڑی اچھی ہے۔ اس لئے کہ اس نے وہ کام کر دیا جو ہم نہ کر سکے۔ بہت خوب۔ تم ایسا کرو کہ دونوں کی تصویر مجھے روانہ کر دو۔‘‘
ثریا کا چہرہ سرخ ہو گیا۔ وہ بولی۔ ’’دونوں کی۔۔۔ !! وہ تو مشکل ہے۔‘‘
’’کیا مشکل ہے؟ تم دونوں ساتھ بیٹھی ہو۔۔۔ فون میں لگے کیمرے سے ایک تصویر کھینچو اور مجھے ای۔ میل کر دو۔‘‘
سمیہ بولی۔ ’’جی ہاں آنٹی۔ یہ کام میں کر دوں گی۔ دراصل اس کو غلط فہمی ہو گئی تھی۔ آپ کا بہت بہت شکریہ۔‘‘
’’کوئی بات نہیں بیٹی۔ کیا نام ہے تمہارا؟۔۔۔ سمیہ؟‘‘
’’جی ہاں آنٹی۔ میرا نام سمیہ ہی ہے۔ آپ نے بالکل صحیح اندازہ لگایا۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ چلو خدا حافظ! میں ای۔ میل کا انتظار کروں گی۔‘‘
’’خدا حافظ !! خدا حافظ !!!‘‘
سمیہ بولی۔ ’’ثریا! تم نے اپنی امی سے میرے بارے میں کیا کیا بتا رکھا ہے۔‘‘
’’میں نے۔۔۔ ! کچھ بھی نہیں۔ بلکہ میں نے تو کبھی تمہارا ذکر بھی ان سے نہیں کیا۔‘‘
’’اچھا! مجھ سے جھوٹ بولتی ہو؟‘‘
’’میں کیوں جھوٹ بولوں بھلا؟‘‘
’’اچھا تو انہوں نے میرا نام کیسے بتلایا؟‘‘
’’اس پر مجھے بھی حیرت ہے کہ انہوں نے تمہارا صحیح نام کیسے لے لیا۔‘‘
’’کہیں تمہاری امی ٹیلی پیتھی کی ماہر تو نہیں ہیں ؟‘‘
’’میں تو نہیں جانتی۔ ہو سکتا ہے۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ چلو اب ٹھیک سے بیٹھ جاؤ، اس لئے کہ اب فوٹو سیشن ہو گا۔‘‘
’’فوٹو سیشن۔۔۔ ؟ اس کی کیا ضرورت ہے؟‘‘
’’تمہیں نہیں اُنہیں ضرورت ہے۔‘‘
دونوں نے خود ہی ایک دوسرے کی تصویریں نکالیں اور پھر انہیں ای۔ میل کرتے ہوئے سمیہپو چھنے لگی۔ ’’ثریا۔۔۔ سچ سچ بولو۔ جب آنٹی نے کہا کہ دونوں کی تصویریں روانہ کر دو، تو تم نے کیا سوچا؟‘‘
’’کیا سوچا؟ کچھ نہیں !‘‘
’’جھوٹ۔۔۔ تم نے جواب دیا یہ مشکل ہے۔ سچ بولو۔‘‘
’’یہی کہ ہم دونوں کی تصویریں !‘‘
’’جھوٹ۔۔۔ ! سچ سچ بولو۔‘‘
’’چھوڑو بھی سمیہ۔ تم تو بس پیچھے ہی پڑ جاتی ہو۔‘‘
’’مطلب یہ کہ تم میرے سوال کا جواب نہیں دو گی۔‘‘ سمیہ نے روٹھتے ہوئے کہا۔ 
’’اچھا بابا! ناراض ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ میرا جواب یہ ہے کہ میں نے وہ نہیں سوچا تھا جو تم سوچ رہی ہو۔‘‘
’’یہ بھی جھوٹ ہے۔ سچ سچ بولو۔‘‘
’’اب جب تمہیں پتہ ہے تو کیوں پوچھ رہی ہو بھلا؟‘‘
’’بس یوں ہی۔ لیکن دیکھو، میں نے اس پارٹی کی دو تصاویر بھی میل کر دی ہیں۔‘‘
’’دو؟‘‘
’’جی ہاں۔ ایک تمہاری اور ایک صفدر کی۔‘‘
ثریا کمرے سے اُٹھ کر باورچی خانے میں چلی گئی۔ 
اُدھر رقیہ مراقش میں بیٹھی ان تصویروں کے پرنٹ نکال رہی تھی۔ 
اِدھر پرویز اور پروین دونوں مل کر شادی کی تیاریوں میں جٹے ہوئے تھے۔ پرویز کہہ رہا تھا۔ 
’’پروین تم تو بالکل ثریا کی بوڑھی ماں کی طرح بن گئی ہو۔‘‘
’’اور تم بھی پچھلے کئی دنوں سے صفدر کے باپ کی طرح حرکتیں کرنے لگے ہو۔‘‘
’’کیا مطلب۔ نوشہ کے باپ کی کوئی خاص حرکت ہوتی ہے، جس سے وہ پہچانا جاتا ہے؟‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ ایک اکڑ ہوتی ہے۔ گویا اس کے بیٹے کی تاجپوشی ہونے والی ہے۔‘‘
’’اس میں کیا شک ہے۔ لیکن تم کیوں بلاوجہ چھوئی موئی بنی ہوئی ہو؟‘‘
’’بھئی ہم لڑکی والے ہیں۔ ہمیں یوں ہی رہنا پڑتا ہے۔ نہ جانے کون سی بات آپ لوگوں کو بُری لگ جائے اور سارے کئے دھرے پر پانی پھر جائے۔‘‘
’’بہت خوب۔۔۔ تم تو بالکل ہی بدل گئی ہو پروین۔ لگتا ہے ثریا تمہاری اپنی بیٹی ہے۔‘‘
’’جی ہاں پرویز صاحب!۔۔۔ ہم لوگ عمر کے اس حصے میں ہیں کہ جب ہماری ننھی سی زندگی شادی کے قابل ہو، اس وقت پتہ نہیں ہم رہیں نہ رہیں اور ہوں بھی تو کچھ کرنے کے بھی قابل ہوں یا نہ ہوں۔ اس لئے اسی موقع کو غنیمت جاننا چاہئے۔‘‘
پرویز بولا۔ ’’ہاں پروین تم صحیح کہتی ہو۔ آج جو کچھ ہم لوگ صفدر اور ثریا کے ساتھ کر رہے ہیں ، ممکن ہے کل وہ یہی سب ہماری زندگی کے ساتھ کریں۔‘‘
’’دونوں کی آنکھیں نمناک تھیں۔ ننھی زندگی ان کی گود میں کھیل رہی تھی۔ اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ یہ لوگ اس کے بارے میں کیا کچھ سوچ رہے ہیں۔ 


۲۸

یادِ رفتگاں 

رُقیہ اپنے شوہر طارق کے ساتھ بیٹھی اُسے تصاویر دکھلا رہی تھی اور پوچھ رہی تھی کہ یہ کون ہے؟
’’کیسا سوال کر رہی ہو رقیہ۔۔۔ یہ ہماری چشم و چراغ ثریا ہے۔ یہی ہمارا سورج ہے اور یہی ہمارے لئے چاند ہے۔ اسی کے باعث ہمارا دن روشن ہے اور یہی ہمارے شبِ تاریک کا اُجالا ہے۔‘‘
’’بہت خوب! آپ تو شاعری کرنے لگے ہیں۔‘‘
’’میں شاعر تو نہیں۔۔۔‘‘ طارق ٹوٹی پھوٹی اردو میں فلمی گانا گانے لگا۔ ہندی فلمیں نہ صرف یوروپ اور امریکہ بلکہ افریقہ کے ممالک میں بھی خاصی مقبول ہو چکی تھیں۔ لوگ بغیر سمجھے ان کے گانے گنگناتے تھے
’’چپ کرو۔‘‘ رقیہ بولی۔ ’’بندر بوڑھا بھی ہو جائے تب بھی قلابازی کھانا نہیں بھولتا۔‘‘
’’اور بندریا۔۔۔ ! کسی بھی عمر کو پہنچ جائے، ڈانٹ ڈپٹ سے بعض نہیں آتی۔‘‘ طارق نے ترکی بہ ترکی جواب دیا۔ 
’’اب بس کرو اور یہ بتاؤ کہ یہ لڑکا کیسا ہے؟‘‘
’’یہ۔۔۔ ! یہ اچھا خاصہ ہونہار نوجوان ہے، جیسا کہ میں کسی زمانے میں ہوا کرتا تھا! تمہارا شوہرِ نامدار بننے سے قبل!!‘‘
’’حقیقت پسندی کا شکریہ۔ اب یہ بتاؤ کہ اگر اس کی شادی اپنی ثریا سے ہو جائے تو تمہارا کیا خیال ہے؟‘‘
’’کیا۔۔۔ شادی؟ لیکن یہ ہے کون اور کرتا کیا ہے؟ اس کے ماں باپ کون ہیں ؟ کہاں کا رہنے والا ہے؟‘‘
اِن میں سے کوئی بھی سوال رقیہ نے سمیہ سے نہیں کیا تھا۔ اسے اپنی غلطی کا احساس ہو رہا تھا۔ شاید کہ اس نے رضامندی کے اظہار میں جلدی کی تھی۔ وہ بولی۔ ’’ابھی ابھی تو آپ کہہ رہے تھے کہ یہ ہونہار نوجوان ہے اور ابھی اس قدر شکوک و شبہات نمودار ہو گئے۔‘‘
’’ہاں۔۔۔ جب تم نے ثریا کی شادی کی بات کی تو یہ سوالات فطری ہیں۔ میں ایک باپ ہوں۔ تمہاری طرح اپنی بیٹی کو اندھے کنوئیں میں تو نہیں ڈال سکتا۔‘‘
’’کیا مطلب ہے؟ میں اپنی بیٹی کو کنوئیں میں ڈھکیل رہی ہوں ؟‘‘
’’جی نہیں۔ میں نے یہ نہیں کہا کہ تم کیا کر رہی ہو۔ میں تو اپنے بارے میں کہہ رہا تھا۔‘‘
’’چپ کرو۔ میں سب سمجھتی ہوں۔‘‘
’’اچھا یہ بتاؤ کہ یہ تصویریں تم کو کس نے بھیجیں ؟ خود ثریا نے؟‘‘
’’جی نہیں۔‘‘ رقیہ بولی۔ ’’یہ اس کی سہیلی سمیہ ہے، جس نے مجھے یہ تصاویر روانہ کی ہیں اور وہی یہ رشتہ کروا رہی ہے۔‘‘
’’بہت خوب۔۔۔ لیکن یہ سمیہ کون ہے؟‘‘
’’میں نہیں جانتی۔ بقول ثریا کے، وہ اس کی سہیلی ہے۔ تمہارا کیا خیال ہے، یہ لڑکی کون ہے؟‘‘
’’یہ میں کیسے جان سکتا ہوں ؟ میں کوئی انتریامی ہوں جو تصویر دیکھ کر احوال بتا دوں ؟‘‘
’’اچھا۔ تم تو اپنے آپ کو بڑا قیافہ شناس کہتے تھے۔ اب کیا ہو گیا آپ کی مہارت کو؟‘‘
’’بھئی کسی سے ملاقات کر کے اس کے بارے میں کوئی رائے قائم کرنا اور بات ہے، اور کسی کی تصویر دیکھ کر اس کے بارے میں جان لینا دیگر بات ہے۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ صفدر کی تصویر دیکھ کر تو فوراً کہہ دیا کہ یہ ہونہار نوجوان ہے۔ کم از کم اسی طرح کی کوئی بات کہہ دیتے۔ لیکن مرد ہو نا آخر! امتیاز تو برتو گے ہی؟‘‘
’’نہیں رقیہ۔ سوال بھید بھاؤ کا نہیں ہے۔ تم بلا وجہ بات کا بتنگڑ بنا رہی ہو۔‘‘
’’اچھا خیر! یہ بتاؤ کہ یہ لڑکی کہاں کی رہنے والی ہے؟‘‘
اب کی بار طارق بڑے غور سے تصویر کو دیکھ رہا تھا۔ وہ بولا۔ ’’اس کا چہرہ کافی کنفیوزنگ ہے۔ کبھی کچھ لگتی ہے کبھی کچھ۔۔۔ !‘‘
’’کیا مطلب؟ میں سمجھی نہیں۔‘‘
دراصل اس کے چہرے سے اگر ناک ہٹا دی جائے تو یہ مراقش یا الجزائر کی لگتی ہے، اور ناک مشرق بعید کی جانب اشارہ کرتی ہے۔‘‘
رقیہ کا دِل زور زور سے دھڑکنے لگا تھا۔ اس نے اپنے آپ کو سنبھالا اور بولی۔ ’’میں کچھ سمجھی نہیں۔‘‘
’’بھئی صاف بات ہے۔ اس کی ناک چینی اور نقشہ افریقی ہے۔‘‘
’’یہ چین اور افریقہ کہاں سے آ گئے؟‘‘
’’میرا مطلب ہے مشرقِ بعید کے سارے لوگ بظاہر چینی دکھائی دیتے ہیں اور ہم لوگ بھی تو شمالی افریقہ ہی کے باشندے ہیں۔‘‘
’’باتوں کو گھمانا پھرانا تو کوئی آپ سے سیکھے۔ درا صل سمیہ یہ کہہ رہی تھی کہ اگر ہم لوگ قطر کا سفر کر کے ان تک نہیں جائیں گے تو ثریا شادی نہیں کرے گی۔‘‘
’’اچھا! تو تم نے کیا کہا؟‘‘
’’میں نے کہا کہ ہم ضرور جائیں گے۔‘‘
’’تو اب مجھے کیا کرنا ہے؟‘‘
’’آپ کو۔۔۔ ! آپ کو میرے ساتھ چلنا ہے اور کیا؟‘‘
’’تو میں نے اس سے کب انکار کیا ہے؟‘‘
’’کیا مطلب؟‘‘
’’مطلب یہی ہے کہ آج تک میں نے آپ کے کس حکم کی سرتابی کی جرأت کی ہے جو اَب کر سکتا ہوں ؟‘‘
’’تم نہیں بدلے طارق۔۔۔ بالکل نہیں بدلے۔ برسوں پہلے بھی تم اتنے ہی اچھے تھے اور اب بھی بالکل ویسے کے ویسے ہی ہو۔‘‘
’’شکریہ سرکار! یہ آپ کی ذرّہ نوازی ہے۔ اب اپنے اس سعادت مند خاوند کو یہ بتانے کی زحمت کریں کہ کب روانہ ہونا ہے؟‘‘
’’یہ تو میں بھی نہیں جانتی۔ ’’رقیہ بولی۔ ’’لیکن جب جان جاؤں گی تو اپنے سرتاج کو بتلا دوں گی۔‘‘
رقیہ اور طارق بے حد خوش تھے۔ 





عبداللہ اپنی بیوی سکینہ کے ساتھ قطر پہنچ چکا تھا۔ پرویز نے اسے اپنے گھر کھانے کی دعوت دی تھی جس میں ثریا، سمیہ، صفدر اور کرنل ڈیوڈ، سارے ہی لوگ مدعو تھے۔ پروین نے بڑی زبردست دعوت کا اہتمام کیا تھا۔ یہ ایک یادگار شام تھی۔ سکینہ کو ثریا کا چہرہ مہرہ اور عبداللہ کو ثریا کے عادت و اطوار بہت پسند آئے تھے۔ صفدر کو اندیشہ تھا کہ مبادا مجبوری میں اس کے والدین نے یہ رشتہ منظور کر لیا تھا، لیکن اس شام یہ شک بھی رفع ہو گیا تھا۔ سکینہ کے ذہن میں پائے جانے والے شکوک و شبہات کا بھی ازالہ ہو گیا تھا۔ وہ دونوں صفدر کے حسنِ انتخاب کے قائل ہو گئے تھے۔ 
کھانے سے فارغ ہونے کے بعد سمیہ اور ثریا پروین کے ساتھ خریداری کے لئے نکل گئے تھے اور صفدر پرویز کے ساتھ ہال وغیرہ کی جانب روانہ ہو گیا تھا۔ عبداللہ اور سکینہ سفر کی تھکاوٹ کے باعث رُک گئے تھے اور کرنل ڈیوڈ ان کا ساتھ دینے کے لئے بیٹھ رہے۔ پرویز کی کوٹھی کے ہرے بھرے صحن میں کافی کی چسکیاں لیتے ہوئے سکینہ نے پوچھا۔ ’’کرنل صاحب! اگر آپ بُرا نہ مانیں تو میں ایک ذاتی نوعیت کا سوال کروں ؟‘‘
’’جی نہیں ! ایسی کیا بات ہے۔ آپ بلا تکلف پوچھیں۔‘‘
’’میں دراصل یہ سوچ رہی تھی کہ یہ سمیہ اور آپ کے درمیان کچھ مشترک نظر نہیں آتا؟ نہ نام، نہ چہرہ، نہ لہجہ اور نہ مذہب۔۔۔ سب کچھ مختلف دکھلائی دیتا ہے۔ کیا یہ فرق اس کی ماں۔۔۔ میرا مطلب ہے آپ کی اہلیہ کے باعث ہے؟‘‘
’’جی نہیں میری بیوی میری کرسٹن بالکل میرے جیسی تھی۔ لیکن وہ سمیہ کی حقیقی ماں نہیں تھی۔‘‘
’’اچھا تو اس کی ماں کون تھی؟‘‘
’’یہ میں نہیں جانتا۔ میں نے اُسے گود لیا تھا۔ اس لئے میں نہ سمیہ کے ماضی کے بارے میں کچھ جانتا ہوں اور نہ اس کے ماں اور باپ کو پہچانتا ہوں۔ لیکن جب سے وہ ہمارے پاس آئی، وہ ہماری بیٹی بن گئی اور ہم لوگ اس کے ماں اور باپ، لیکن اس کے باوجود ہم نے دین کے معاملے میں اس پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا اور اس نے بھی اپنے لئے دینِ اسلام ہی کو پسند کیا۔ ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں۔ ہم اس کو ہر حال میں خوش دیکھنا چاہتے ہیں ، بس۔‘‘
’’لیکن یہ آپ کو کب اور کہاں ملی؟‘‘ سکینہ نے پھر سوال کیا۔ 
عبداللہ بولا۔ ’’اس سوال کا جواب میں دے سکتا ہوں۔‘‘
’’آپ؟‘‘
’’جی ہاں۔ یہ لڑکی آپ کو برونئی میں اُس وقت ملی جب وہاں زبردست سیلاب آیا تھا۔‘‘
کرنل ڈیوڈ کا منہ کھلا کا کھلا رہ گیا۔ وہ بولے۔ ’’بالکل صحیح! یہ آپ کو کیسے پتہ چل گیا؟ آپ تو مجھے جادوگر معلوم ہوتے ہو۔‘‘
’’ارے چھوڑئیے بھی۔ یہ اسی طرح کے تکے لگاتے رہتے ہیں اور کبھی کبھار وہ نشانے پر لگ بھی جاتا ہے۔‘‘ سکینہ جواب دے رہی تھی۔ 
کرنل ڈیوڈ کے لئے سکینہ کی بات پر اعتبار کرنا مشکل تھا۔ 





رُقیہ اور طارق کو ہوائی اڈے پر لینے کی خاطر سمیہ بھی ثریا کے ساتھ گئی تھی۔ رقیہ جیسے ہی باہر آئی، سب سے پہلے ثریا آگے بڑھ کر اپنی امی سے لپٹ گئی اور پھر اپنے ابو کے سامنے سر جھکا کر کھڑی ہو گئی۔ طارق نے اپنی بیٹی کے سر پر ہاتھ پھیرا اور اُسے دُعائیں دینے لگے۔ اس بیچ سمیہ ملنے کے لئے آگے بڑھی تو رقیہ نے اُسے سینے سے لگا لیا اور زار و قطار رونے لگی۔ کسی کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ یہ کیا ہو رہا ہے۔ طارق نے سوچا کہ شاید رقیہ اپنی بیٹی ثریا کی شادی پر فرطِ مسرت سے احسان مندی کے تحت رو رہی ہے، لیکن اس قدر رونا سب کے لئے حیرت کا سبب تھا۔ 
طارق نے کہا۔ ’’رقیہ۔۔۔ یہ تمہیں کیا ہو گیا ہے؟ چلو گی بھی یا یہیں روتی رہو گی؟‘‘
سامان کی ٹرالی ثریا اور طارق کے ہاتھوں میں تھی اور رقیہ ہلکے ہلکے قدموں سے سمیہ کے ساتھ چل رہی تھی۔ اس منظر کو دیکھ کر طارق کو سمیہ کی تصویر اور رقیہ کے اوٹ پٹانگ سوال یاد آنے لگے اور اسے اپنے جوابات پر ہنسی آ گئی۔ ’’اگر اس لڑکی کے چہرے سے ناک ہٹا کر دیکھا جائے۔۔۔ !‘‘
کیا کسی کے چہرے سے ناک ہٹا کر اُسے دیکھا جا سکتا ہے؟ طارق ایسا کرنے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن اسے اپنی کوشش میں کامیابی نہیں ہو رہی تھی۔ اس نے ثریا سے پو چھا۔ ’’تمہیں یہ سمیہ کہاں سے مل گئی؟‘‘
’’سمیہ۔۔۔ یہیں قطر میں اس سے میری ملاقات ہوئی۔‘‘
’’کیسے۔۔۔ ؟‘‘
’’دراصل اس کے خاوند خضر حیات ہماری کمپنی میں ملازم تھے۔‘‘
’’تھے کا کیا مطلب؟‘‘
’’مطلب یہ کہ ان کا انتقال ہو گیا۔‘‘
’’اچھا۔ کب ہوا یہ سب؟‘‘
’’اِسی سال کے اوائل میں۔۔۔ اور اس کا ایک لڑکا ہے سکندر، جو بیمار تھا، لیکن اب اچھا ہو چکا ہے۔‘‘
’’لیکن یہ کرتی کیا ہے؟‘‘
’’یہ کچھ نہیں کرتی۔ بس اپنے گھر میں رہتی ہے۔ ہماری کمپنی نے اسے ملازمت کی پیش کش کی ہے، جسے اس نے ابھی تک قبول نہیں کیا ہے۔‘‘
’’اچھا یہ رہنے والی کہاں کی ہے؟‘‘
’’اس کے والد انکل ڈیوڈ تو برطانوی نژاد ہیں ، ماں کے بارے میں مجھے کچھ بھی پتہ نہیں۔ میں نے انہیں کبھی نہیں دیکھا۔‘‘
رقیہ، جو کان لگا کر ثریا کی باتیں سن رہی تھی، اپنے آپ سے بولی۔ ’’غلط۔۔۔ دونوں باتیں غلط!‘‘
سمیہ نے پوچھا۔ ’’کیا؟‘‘
رقیہ بولی۔ ’’کچھ نہیں۔۔۔ تمہاری بہن ثریا کچھ نہیں جانتی۔ کچھ بھی نہیں جانتی۔ لیکن ایسا سمجھتی ہے کہ وہ سب کچھ جانتی ہے۔‘‘
سمیہ کے پلیّ کچھ بھی نہ پڑا۔ اس کے باوجود اس نے بغیر سمجھے اثبات میں سر ہلا دیا۔ 
جب یہ قافلہ سمیہ کے گھر پہنچ گیا تو سب نے مل کر ایک ساتھ کھانا کھایا اور دیر تک شادی کی تیاریوں سے متعلق گفتگو کرتے رہے۔ 
جب اُنہیں بتلایا گیا کہ صفدر کے والد عبداللہ کٹی بھی اپنی بیوی سکینہ کے ساتھ ملیشیا سے آ چکے ہیں تو نام اور مقام، دونوں نے رقیہ کو چونکا دیا۔ 


۲۹

نیا سفر اور نئی منزلیں 


نکاح کی تیاریاں بامِ عروج پر تھیں۔ ہر کوئی مسرور و مصروف تھا کہ ایسے میں پرویز کو ظفر کا فون آیا۔ وہ اس سے ملاقات کرنا چاہتا تھا۔ پرویز نے بتلایا کہ فی الحال وہ کافی مصروف ہے۔ دو چار دن بعد جب ساری تقریبات مکمل ہو جائیں گی، تب ملیں تو کیسا ہے؟
ظفر بولا کہ اس نے سنا ہے کہ صفدر اور ثریا کے والدین آئے ہوئے ہیں اور ممکن ہے وہ جلد ہی لوٹ جائیں۔ اس لئے وہ چاہتا ہے کہ اُن کے جانے سے قبل اپنی  جانب سے سارے خاندانوں کی دعوت کا انعقاد کرے۔ ظفر کے دل پر ان دونوں کے حوالے سے ایک بوجھ سا تھا اور وہ اس اہتمام کے ذریعہ کسی نہ کسی حد تک اسے ہلکا کرنا چاہتا تھا۔ دعوت کی تفصیلات طے کرنے کے لئے پرویز سے ملنا ضروری تھا۔ خیر، پرویز نے شام کے خالی وقت میں ظفر کو بلوا لیا۔ 
تمام تقریبات کی تفصیل معلوم کرنے کے بعد یہ طے پایا کہ نکاح چونکہ جمعہ کو ہے اور ہفتہ کو ولیمہ ہے، اس لئے اتوار کے دن ہی مذکورہ دعوت کی جائے۔ دعوت کا مقام شہر کا سب سے اچھا ہوٹل کراؤن پلازہ طے کیا گیا اور مدعوئین میں صفدر، ثریا، عبداللہ، سکینہ، رقیہ، طارق، ڈیوڈ اور سمیہ تھے۔ تمام تفصیل طے ہو جانے کے بعد پروین نے پوچھا۔ ’’ظفر صاحب! ایک بات کی وضاحت آپ کر دیں تو بہتر ہے۔‘‘
’’وہ کیا؟‘‘
اس دعوت میں جناب پرویز اور ان کی بیگم کو بھی مدعو ہیں یا نہیں ؟‘‘
’’جی نہیں وہ دونوں مدعو نہیں ہیں۔‘‘
پرویز کو ظفر کی بات بُری لگی۔ وہ بولا۔ ’’جی ہاں۔ یہ تو بلانے والے کی مرضی ہے، جسے مرضی ہو بلائے اور جسے چاہے نہ بلائے۔‘‘
’’جی۔۔۔ آپ نے درست فرمایا۔ دراصل اس دعوت میں آپ دونوں کی حیثیت مدعو کی نہیں ، بلکہ داعی کی ہے۔ میری رائے یہ ہے کہ اگر دعوت نامہ آپ دونوں کی جانب سے جائے تو یہ زیادہ بہتر ہے۔‘‘
پروین بولی۔ ’’وہ کیوں ؟‘‘
پرویز نے کہا۔ ’’میں سمجھتا ہوں ، مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔‘‘
’’ایک بات اور ہے۔‘‘ ظفر بولا۔ 
’’وہ کیا؟‘‘
’’آپ لوگ صفدر اور ثریا کے بارے میں تو بہت کچھ سوچ رہے ہیں اور یہ بہت اچھی بات ہے۔ لیکن سمیہ کے بارے میں کوئی کیوں نہیں سوچتا؟‘‘
’’تمہاری بات درست ہے ظفر۔ کس نے کہا کہ ہم نہیں سوچتے؟ لیکن سمیہ کا معاملہ ذرا نازک ہے۔ فی الحال ایک معاملہ در پیش ہے۔ جب اس سے فارغ ہو جائیں گے تو سمیہ کی جانب توجہ کریں گے۔ ایک وقت میں ایک کام بہتر ہوتا ہے۔‘‘
’’جی۔۔۔ میں اس موقف کی تائید کرتا ہوں ، لیکن ایک گزارش یہ ہے کہ جب اس معاملہ پر غور کریں تو مجھے بھی یاد فرما لیں۔‘‘
’’ضرور! ضرور۔۔۔ کیوں نہیں۔ اب تو تم بھی ہمارے اس وسیع تر خاندان کے فرد بن گئے ہو۔‘‘
’’آپ لوگوں کا شکریہ کہ اس مصروف زمانے میں بھی آپ نے میرے لئے وقت نکالا۔ اب میں چلتا ہوں۔ ہوٹل والوں سے بات میں کروں گا اور مہمانوں کی ذمہ داری آپ کی! ٹھیک ہے؟‘‘
’’بالکل ٹھیک۔‘‘ پرویز نے آگے بڑھ کر مصافحہ کیا اور ظفر روانہ ہو گیا۔ 
ظفر کے چلے جانے کے بعد پروین بولی۔ ’’ظفر کی بات کا آپ نے کیا مطلب سمجھا؟‘‘
’’وہی مطلب جو اس نے کہا۔‘‘
’’ہاں ہاں۔۔۔ وہی تو پوچھ رہی ہوں کہ آپ نے کیا سنا؟‘‘
’’وہی جو تم نے سنا۔‘‘ پرویز کی سمجھ میں پروین کے سوالات نہیں آ رہے تھے۔ 
پروین بولی۔ ’’مجھ کو آپ کی موٹی عقل سے یہی اُمید تھی۔ ظفر بے چارہ نہیں جانتا کہ اشارے کنائے میں کی جانے والی بات کو سمجھنے کے لئے عقل کا استعمال کرنا پڑتا ہے۔۔۔ اور آپ کے نزدیک وہ شجر ممنوعہ ہے۔‘‘
’’اچھا بھاگوان! اب اور پہیلیاں نہ بھجواؤ اور اپنی عقل کا استعمال کر کے بتاؤ کہ تم نے کیا سمجھا؟‘‘
’’میں نے تو یہ سمجھا ہے کہ ظفر نے سمیہ سے نکاح کا پیغام دیا ہے؟‘‘
’’کیا تمہارا دماغ تو نہیں خراب ہے؟ سمیہ بیوہ ہے اور عمر میں بھی ظفر سے دو چار سال بڑی ہی ہو گی۔‘‘
’’جی ہاں ! اس کے باوجود میں نے تو اس کی بات کا یہی مطلب سمجھا۔ اگر آپ کو شک ہو تو وضاحت طلب کر لو۔‘‘
’’دیکھو۔۔۔ میں تمہاری احمقانہ بات مان کر اپنے آپ کو رُسوا کرنا نہیں چاہتا۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ تو میں پوچھ لیتی ہوں۔‘‘
’’تم پوچھو گی؟ پوچھو۔۔۔ بے شک پوچھو!!‘‘
’’آپ مجھے ظفر کا فون نمبر دیں۔‘‘
پرویز کا خیال تھا کہ پروین یوں ہی دل لگی کر رہی ہے۔ لیکن جب اس نے نمبر طلب کیا تو وہ ڈر گیا اور بولا۔ ’’کیا تم واقعی پوچھنے کا ارادہ رکھتی ہو؟‘‘
’’جی ہاں۔۔۔ اس میں پریشانی کی کیا بات ہے؟‘‘
’’لیکن اگر یہ قیاس غلط نکلا تو وہ کیا سوچے گا؟‘‘
’’جو مرضی ہو سوچے! وہ کہہ دے گا کہ نہیں یہ صحیح نہیں ہے۔ ہمیں غلط فہمی ہوئی ہے۔ اس میں کیا بڑی بات ہے؟ ایسا ہوتا ہی ہے۔ لیکن اگر یہ قیاس صحیح ہے اور اگر ہم اسے سمجھ نہ پائے تو یہ بہت بُری بات ہو گی۔ اس سے دو افراد کا مستقبل وابستہ ہے۔‘‘
پرویز اب سنجیدہ ہو چکا تھا۔ اس نے ظفر کو فون لگا کر کہا۔ ’’ظفر۔۔۔ تمہارے جانے کے بعد مجھ میں اور پروین میں تھوڑا سا اختلافِ رائے پیدا ہو گیا اور اس کا تصفیہ تمہارے علاوہ کوئی اور نہیں کر سکتا۔‘‘
’’اچھا! وہ کیا؟‘‘ ظفر نے پوچھا۔ 
’’پروین نے یہ سمجھا کہ تم نے سمیہ کے لئے شادی کا پیغام دے دیا۔ کیا یہ صحیح ہے؟‘‘
ظفر نے ایک لمحہ توقف کے بعد کہا۔ ’’جی ہاں ! پروین باجی نے صحیح سمجھا ہے۔‘‘
فون اسپیکر پر تھا اور پروین بھی اسے سن رہی تھی۔ ظفر کی تائید سے اس کا چہرہ کھل اٹھا۔ اس سے رہا نہ گیا۔ وہ بیچ ہی میں بول پڑی۔ ’’یہ تو نہایت ہی قابلِ تحسین تجویز ہے۔ میں ایک وضاحت اور چاہتی ہوں کہ اگر سمیہ اِسے منظور کر لے تو کیا صفدر اور ثریا کے ساتھ آپ دونوں کا نکاح بھی ممکن ہے؟‘‘
’’کیوں نہیں۔۔۔ کرنل صاحب بھی یہیں ہیں اور باقی ساری تیاریاں بھی ہو چکی ہیں۔ میرا کوئی رشتہ دار تو یہاں ہے نہیں ! چند دوست و احباب ہیں ، میں انہیں بلا لوں گا۔‘‘
’’ٹھیک ہے۔ میں ابھی فوراً سمیہ سے ملنے کے لئے جاتی ہوں اور پھر آپ کو فون کرتی ہوں۔‘‘
’’بہت بہت شکریہ باجی۔ میں تا عمر آپ کا احسان مند رہوں گا۔‘‘ فون بند ہو گیا۔ 
پرویز حیرت سے دیکھ رہا تھا۔ پروین نے اسے حاشیہ پر رکھ کر سارے فیصلے خود ہی کرنے شروع کر دئے تھے۔ 
پروین نے کہا۔ ’’دیکھئے! جلدی سے تیار ہو جائیے۔ آپ نے سنا ہمیں سمیہ کے پاس جانا ہے اور ہمارے پاس وقت بہت کم ہے۔ اس لئے فوراً تیار ہو جائیے۔۔۔ فٹافٹ۔‘‘ یہ کہہ کر وہ اندر والے کمرے میں کپڑے تبدیل کرنے کے لئے چلی گئی اور پرویز بھی چلنے کی تیاری میں لگ گیا۔ 
سمیہ معمولی ردّ و کد کے بعد راضی ہو گئی۔ اس خبر نے تمام لوگوں میں خوشی کی ایک نئی لہر دوڑا دی۔ یہ ایک ایسی مسرت تھی جو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھی۔ اس لئے سبھی اس خبر کو سن کر جھوم اُٹھے تھے۔ 
ایک ساتھ دو نکاح اور دو لوگوں کی جانب سے دعوتِ ولیمہ ہوا اور اِسی کے ساتھ چار نفوس رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔ ثریا شادی کے بعد صفدر کے گھر چلی گئی اور ظفر سمیہ کے گھر آگیا۔ کرنل ڈیوڈ کا گھر داماد بننے میں اسے کوئی عار نہیں تھی۔ 
تقریبِ نکاح اور ولیمے کے بعد کراؤن پلازا میں پرویز اور پروین کی دعوت پر ایک بڑی سی میز کے ایک سرے پر عبداللہ کٹی سکینہ کے ساتھ بیٹھا تھا اور دوسرے کنارے پر رقیہ طارق کے بغل میں بیٹھی ہوئی تھی۔ ان چاروں کے درمیان سارا خاندان تھا۔ اس موقع پر عبداللہ کٹی نے ایک مختصر سی تقریر کی اور یوں گویا ہوا۔۔۔ 
’’خواتین و حضرات! میں آج بہت خوش ہوں اور اس موقع پر خداوندِ ذوالجلال کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس لئے کہ اس نے میری زندگی میں ایسا موقع عنایت فرمایا جس سے میں پوری طرح مایوس ہو چکا تھا۔ یہ ایسے لمحات ہیں ، جن کا تصوّر کرنا بھی میرے لیے محال تھا۔ 
دراصل یہ دُنیا بہت چھوٹی ہے اور گول بھی ہے۔ اس لئے لوگ اس میں ایک دُوسرے سے بار بار ٹکرا جاتے ہیں اور نہیں بھی ٹکراتے۔ یہ سب اسی کے اِذن سے ہوتا ہے جو اس کارخانۂ ہستی کو چلا رہا ہے۔ 
آج سے تقریباً تیس سال قبل اسی لق و دق صحرا میں دو پردیسیوں کی ایک دوسرے سے ملاقات ہوئی اور پھر وہ اسی طرح نکاح کے رشتے میں بندھ گئے۔ اللہ رب العزت نے اس رشتے میں برکت عطا فرمائی اور اُنہیں چاند سی بیٹی سے نواز دیا۔ لیکن پھر قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ قدرت کو یہ منظور تھا کہ یہ تینوں لوگ بچھڑ کر اس طرح ملتے۔ سو یہ سب بکھر گئے اور ایسے بکھرے کہ کوئی نہ بچھڑے۔ کسی کو کسی کی کوئی خبر نہ رہی۔ سبھی اپنی اپنی دُنیا میں کھو گئے۔ لیکن وقت کے مالک نے ان سب کو پھر سے ملانے کا فیصلہ فرمایا اور پھر یہ سب ایک چھت کے نیچے آن جمع ہوئے۔ اس میں کسی کا نہ کوئی منصوبہ تھا اور نہ کوشش۔ جو لوگ اس منزل سے واقف تک نہ تھے، وہ بھلا اس کے لئے کوشش کیوں کر کرتے؟ لیکن کارسازِ ہستی کی اپنی مشیت تھی، جو بلا توقف، ہر شہ کے پسِ پردہ کارفرما رہی اور سب کچھ کرتی چلی گئی۔ کلمہ ’’ کن ُ‘‘ کے ساتھ ’’فیکون‘‘ ادا ہوتا چلا گیا۔ 
وقت کے سیلاب نے عبداللہ اور رقیہ کو جدا کر دیا اور سمندری طوفان نے عبداللہ سے اس کی بیٹی سمیہ چھین لی۔ لیکن اسی طوفانِ بلا خیز نے کرنل ڈیوڈ اورمسز میری کو سمیہ جیسی بیٹی عطا کر دی اور سمیہ کو کرنل صاحب جیسے شفیق انکل اور آنٹی میری سے نواز دیا، کہ ان تینوں کی طرح اس کائنات میں کوئی اور نہ تھا۔‘‘
یہاں الفاظ نے عبداللہ کا ساتھ چھوڑ دیا اور وہ خاموش ہو گیا۔ ایسے میں رقیہ بولی۔ ’’حضرات! لیکن وقت کا دھارا کب تھمنے والا تھا۔ وہ اپنے ساتھ بہاتا ہوا عبداللہ کے صفدر کو رقیہ کی ثریا کے پاس اُس جگہ لے آیا جہاں سمیہ موجود تھی۔ اسی کو حسنِ اتفاق کہتے ہیں۔ انسانی زندگی کا حسین ترین اتفاق۔‘‘
رقیہ کے بدن میں لرزہ طاری تھا۔ اس کی زبان گنگ ہو گئی تھی۔ عبداللہ نے بات آگے بڑھائی۔ ’’یہ سب کیوں ہو رہا تھا اور کیسے ہو رہا تھا، اسے عالم الغیب کے سوا کوئی نہ جانتا تھا۔۔۔ اور جان بھی کیسے سکتا تھا؟۔۔۔ خیر! مجھے اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ آج ہمارے خاندان میں ایک بہو آئی ہے، لیکن اس سے بڑی خوشی اس بات کی ہے کہ میری کھوئی ہوئی بیٹی مجھے پھر ایک بار آن ملی ہے اور اس کا اُجڑا ہوا آشیانہ پھر ایک بار تعمیر ہونے لگا ہے۔ اتنی ساری خوشیاں ایک ساتھ۔۔۔ اتنی ساری! اسی کو کہتے ہیں اوپر والا جب دینے پر آتا ہے تو چھپر پھاڑ کر دیتا ہے اور اس وقت اپنے چھپر کے پھٹنے کا کسی کو افسوس نہیں ہوتا۔ 
اس موقع پر میں آپ سب کے سامنے ایک تجویز رکھتا ہوں ، بلکہ دعوت دیتا ہوں اور اُمید کرتا ہوں کہ آپ اسے قبول کریں گے۔ میں نے اپنی زندگی کے ایک اہم موڑ پربرسوں قبل اپنی ننھی سمیہ کے ساتھ برونئی کا ایک سفر کیا تھا۔ ایک گمنام جزیرے کا  نامعلوم سفر، اور اس کے بعد سب کچھ بدل گیا۔ اب پھر میں چاہتا ہوں کہ برونئی جاؤں اور آپ سب میرے ساتھ چلیں۔ میں نے وہاں کے مختلف ہوٹلوں میں آپ سب کے لئے کمرے مختص کروا دئیے ہیں اور کل صبح کے جہاز کا ٹکٹ بھی بک کروا دیا ہے۔ ہم سب وہاں ایک ہفتہ ساتھ گزاریں گے اور پھر اپنی اپنی منزلوں کی جانب ایک نئے سفر پر روانہ ہو جائیں گے۔ اس اُمید کے ساتھ کہ۔۔۔‘‘
عبداللہ کی آنکھوں میں آنسو تھے اور سبھی کی پلکیں نمناک تھیں !!
***
نوٹ:-  یہ سکندرِ اعظم کی داستان نہیں بلکہ عام لوگوں کی کہانی ہے۔ اس میں کوئی اور تو کجا، خود سکندربھی مقدر کا سکندر نہیں ہے۔

٭٭٭
تشکر: مصنف جنہوں نے فائل فراہم کی
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تبدیلی: اعجاز عبید 
