﻿

بسم اللہ الرحمن الرحیم



سلگتا ہوا افغانستان
(پاکستان اور اقوامِ متحدہ کے کردار کے تناظر میں )


سجاد محمد خان یوسف زئی



کمپوزنگ	…	اظہار عالم 
سالِ اشاعت	…	2011ء




بسم اللہ الرحمن الرحیم


’’پڑھ اپنے رب کے نام سے جس نے پیدا کیا۔ جس نے انسان کو خون کے لوتھڑے سے پیدا کیا۔ تو پڑھتا رہ تیرا رب بڑے کرم والا ہے۔ جس نے قلم کے ذریعے (علم) سکھایا۔ جس نے انسان کو وہ سکھایا جسے وہ نہیں جانتا تھا۔‘‘
(اَلْعَلَق ۹۶)




انتساب 

	میرے والدین، اللہ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، خاندان اور گاؤں والے، سکول سے لے کر یونی ورسٹی کے اساتذہ جن کی تعلیم و تربیت سے میں اس قابل ہو سکا کہ کچھ لکھ سکوں ، میرے شاگردوں جنھوں نے مجھ ناچیز سے سیکھا، میرے کلاس فیلو سکول، کالج، یونی ورسٹی تک، میرے بچپن کے ساتھی جن کے لیے میری زندگی ایک کھلی کتاب ہے، ہائی سکینڈری سکول زیدہ کے میرے شاگرد جو میرے لیے اب بھی چھوٹے بچوں جیسے ہیں ، ان سے استاد کے ناطے احترام اور شفقت کا رشتہ تاعمر قائم رہے گا، اہل زیدہ جن سے باہمی تعلقات کا محبت بھرا رشتہ ایسا استوار ہوا کہ میں یہ فرق بھول گیا کہ میں ٹھنڈکوئی کا ہوں یا زیدہ کا باشندہ، میرے وہ اساتذہ، شاگرد، دوست، رشتہ دار اور گاؤں والے جو اس دارِ فانی سے رحلت کر گئے ہیں۔
	میرے خالہ زاد حاجی محمد ادریس خان مرحوم، اللہ تعالیٰ ان کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے، جن کی شفقتوں بھری رہنمائی کی بدولت میں میٹرک سے یونی ورسٹی تک اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھ سکا، میرے پیارے بھائی صاحبان جنھوں نے بچپن میں مجھے انگلی سے پکڑ کر یہاں تک اپنی پدری رہنمائی میں پہنچایا، مجھے اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے والے میرے سارے اساتذہ کرام، خاص کر بزرگ سید نثار احمد (المعروف میاں صاحب) اور مولانا حافظ غلام رسول (المعروف حافظ جی صاحب) اور مولانا نقیب اللہ صاحب، اللہ تعالیٰ ان کی قبروں کو اپنے نور سے منور رکھے اور میرے اس محترم استاد مولوی جلال الدین صاحب کے نام جن سے میں نے قرآن کریم ترجمہ کے ساتھ سیکھا اور جنہوں نے مجھے خودی کی تعلیمات سے مالا مال کیا۔
						سجاد محمد خان یوسف زئی (لندن)



میرے محترم والد مرحوم خواجہ محمد خان کی یاد میں 
پہلا حصہ
(افغانستان، دورِ قدیم سے جدید تک)




’’سلگتا ہوا افغانستان‘‘

	افغانستان کی سرزمین قدیم زمانے سے بیرونی حملہ آوروں کے لیے سخت جان ثابت ہوتی رہی ہے۔ یونان کے سکندر اعظم سے لے کر موجودہ دور کے امریکا تک نے اس علاقہ کو فتح کرنے میں کام یابی حاصل نہیں کی ہے۔ یہاں کے غیور افغانیوں نے ہر دور میں غلامی کی زندگی پر موت کو ترجیح دی ہے اور کسی بھی بیرونی حملہ آور کو یہاں پاؤ ٹکنے نہیں دیا ہے۔ افغانستان کی جدید تاریخ کا آغازانیسویں صدی عیسوی سے ہوتا ہے۔ جب برطانیہ نے پہلی دفعہ افغانستان پر 1838ء میں حملہ کیا۔ برطانوی افواج نے افغانستان کو زیرتسلط لانے کے لیے دوسرا حملہ 1878ء میں کیا۔ آخرجب وہ افغانستان کو اپنے زیرتسلط لانے میں کام یاب نہ ہو سکا توا س نے 1893ء میں ڈیورنڈ لائن کے ذریعے افغانستان کے غیور پختونوں کو تقسیم کیا اور 1919 ء میں اس نے مجبوراً افغانستان کی آزاد حیثیت تسلیم کر لی۔
	بیرونی حملہ آوروں کے علاوہ بھی افغانستان کی اندرونی تاریخ جنگ و جدل سے بھری پڑی ہے۔ اقتدار کے حصول کی کش مکش میں افغانستان کے ہر حکم ران نے دوسرے حکم ران کو قتل کیا ہے۔ 1919ء میں امیر حبیب اللہ خان کا قتل، 1929ء میں بچہ سقہ کی پھانسی، 1933ء میں نادر خان کا قتل،1978ء میں سردار محمد داؤد کا قتل، 1979ء میں نور محمد ترکئی کا قتل، اسی سال حفیظ اللہ امین کا قتل اور سب سے آخر میں طالبان کے دور 1996ء میں ڈاکٹر نجیب اللہ کی پھانسی، یہ سب خونی واقعات افغانستان کی اندرونی خانہ جنگی کا مظہر ہیں۔ سوویت یونین کا حملہ اور پھر اس کی شکست وریخت کے بعد افغان وار لارڈز کی آپس میں خانہ جنگی اس سب سے بہ خوبی اندازہ ہوتا ہے کہ افغانستان کی سرزمین کو ہر دور میں انسانی خون کا غسل دیا جاتا رہا ہے اور اس خوں ریزی کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے اور معلوم نہیں افغانستان میں مزید کتنا خون بہے گا اور شاید اس کے بعد ہی اسے قرار اور سکون میسر آسکے گا۔
	سجاد محمد یوسف زئی کی زیر نظر کتاب ’’سلگتا ہوا افغانستان‘‘ پاکستان اور اقوامِ متحدہ کے کردار کے تناظر میں افغانستان کی قدیم و جدید سیاسی تاریخ پر ایک مختصر مگر جامع تبصرہ ہے۔یہ کتاب تین حصوں پر مشتمل ہے۔ پہلا حصہ ان کے یونی ورسٹی آف ویسٹ منسٹر لندن سے ڈپلومیٹک سٹڈیز میں ماسٹر کی ڈگری کے تھیسس مقالہ پر مشتمل ہے جس کا عنوان ہے ’’افغانستان میں اقوامِ متحدہ کا کردار‘‘۔ اس کا دوسرا حصہ سجاد صاحب کے ان مضامین پر مشتمل ہے جو انھوں نے افغانستان اور پاکستان کے حالات پر وقتاً فوقتاً روزنامہ ’’جنگ‘‘ لندن میں لکھے۔ جب کہ اس کا تیسرا حصہ انھوں نے افغانستان میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے لکھا ہے۔ اس میں انھوں نے میاں نواز شریف کی حکومت کے خاتمہ سے لے کر القاعدہ کے بانی اُسامہ بن لادن تک کے حالات اور واقعات تحریر کئے ہیں۔ اس حصہ میں زیادہ تر واقعات وہ ہیں جو 9/11 کے بعد پاکستان اور افغانستان میں ظہور پذیر ہوئے ہیں۔ انھوں نے جنرل ضیاء الحق کے دور سے جنرل پرویز مشرف کے دور تک افغانستان کے حوالہ سے پاکستان کی خارجہ اور داخلہ پالیسیوں پر بھی مفصل روشنی ڈالی ہے۔
	کتاب کا پہلا حصہ ایک مسلسل تاریخ پر مشتمل ہے جس میں افغانستان کی قدیم تاریخ سے آغاز کیا گیا ہے۔ پھر افغانستان کے حکم رانوں کے حوالے سے حالات قلم بند کئے گئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ مختلف افغان حکم رانوں کی پالیسیوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ روس اور برطانیہ کے حوالے سے افغان حکم رانوں کے طرزِ عمل اور پالیسیوں پر بحث کی گئی ہے۔ 1979ء میں سوویت یونین کا افغانستان پر حملہ، پاکستان اور عرب ممالک کا کردار، امریکا اور اس کے یورپی اتحادیوں کی افغان جنگ میں دل چسپی اور عملی مدد، اقومِ متحدہ کا افغان جنگ کے حوالے سے معاہدے اور فعالیت، سوویت یونین کی پسپائی، جنیوا معاہدہ، اس کے بعد جہادی تنظیموں کے اختیارات کی تقسیم پر جنگ و جدل، طالبان کا ظہور اور آخر میں 9/11 کے بعد امریکا کا افغانستان پرحملہ۔ پہلے حصے میں ان تمام حالات اور واقعات کا بڑی خوبی سے محاکمہ کیا گیا ہے۔
	چوں کہ پہلا حصہ ایک تھیسس مقالہ ہے اور اسے ایک مخصوص وقت میں مخصوص نصابی ضرورت کے تحت مکمل کیا گیا ہے، اس لیے اسے اُس مخصوص وقت کے حالات اور واقعات کے تناظر میں دیکھنا اور سمجھنا چاہئے، تاہم اس کے دوسرے حصہ میں افغانستان اور پاکستان کے حوالہ سے وقتاً فوقتاً رونما ہونے والے تازہ ترین حالات پر تبصرہ مختلف مضامین کی شکل میں پیش کیا گیا ہے۔ گویا تھیسس مقالہ میں ، بعد میں رونما ہونے والے حالات اور واقعات شامل نہ کرنے کی وجہ سے جو تشنگی محسوس ہوتی ہے، اسے ان مضامین کی شکل میں دور کر دیا گیا ہے۔ تاہم افغانستان، پاکستان اور ان کی پڑوس میں واقع ممالک کے کردار پر مشتمل مواد کتاب کے تیسرے حصہ میں شامل ہے جس سے افغانستان کی خونیں تاریخ کی لڑی موجودہ دور تک مکمل ہو جاتی ہے۔
	جیسا کہ فاضل مصنف نے کتاب کے پیش لفظ میں وضاحت کی ہے کہ افغانستان کے حالات میں روز افزوں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں ، اس لیے افغانستان میں امن و سکون کے حوالہ سے کسی نتیجہ پر پہنچنا ممکن نہیں۔ تاہم صاحبِ کتاب سجاد محمد خان یوسف زئی نے جس خوبی اور فہم و فراست سے اس کتاب کو ترتیب دیا ہے اور اسے ایک نتیجہ خیز موڑ تک پہنچایا ہے، اس کی تحسین کی جانی چاہئے۔ انھوں نے بعض حصوں میں مستقبل کے حوالے سے جو پیشین گوئیاں کی تھیں ، ان میں بعض بعد میں رونما ہونے والے حالات کی صورت میں حرف بہ حرف درست ثابت ہوئی ہیں۔ مثلاً انھوں لکھا ہے کہ یوں لگتا ہے جیسے افغانستان ایک ایسا میدانِ جنگ ثابت ہو گاجس میں بعض عالمی اور پڑوسی طاقتیں اپنے مفادات کی جنگ لڑیں گی اور اسی میدانِ جنگ میں اپنے اپنے بدلے چکائیں گی۔ اور آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ ایسا ہی ہو رہا ہے۔ افغانستان میں نہ صرف امریکا کے مفادات برسر عمل ہیں بلکہ اسی سرزمین پر یورپ، چین، روس، وسطی ایشیاء کی نو آزاد ریاستیں ، ایران، سعودی عرب، بھارت اور پاکستان اپنے اپنے سیاسی، مذہبی، اقتصادی اور تزویراتی مفادات کے لیے برسر پیکار ہیں۔ اور بہ قول سجاد محمد یوسف زئی اگر افغانستان کے مسئلہ کا کوئی مستقل اور دیرپا حل نہیں نکالا گیا تو مستقبل کی ممکنہ تیسری عالمی جنگ بھی اسی سرزمین سے شروع ہو سکتی ہے۔
	افغانستان ایک ایسا موضوع ہے جس پر بہت سی کتابیں لکھی گئی ہیں اور مزید لکھی جائیں گی لیکن سجاد محمد یوسف زئی کی زیر نظر کتاب ’’سلگتا ہوا افغانستان‘‘ (پاکستان اور اقوامِ متحدہ کے کردارکے تناظر میں ) افغانستان پر اپنی نوعیت کا ایک منفرد تبصرہ ہے جس میں افغانستان کے ماضی، حال اور مستقبل کا نقشہ بہ خوبی دیکھا جا سکتا ہے، نہ صرف افغانستان بلکہ اس میں امریکا، پاکستان اور پڑوسی ریاستوں کے مفادات کی جنگ میں رونما ہونے والے واقعات کی حقیقت پسندانہ تصویر کشی بھی کی گئی ہے۔ اس کتاب میں جگہ جگہ سجاد صاحب کی اسلام سے سچی وابستگی، عالم اسلام کے حوالے سے دردِ دل، اس جنگِ زرگری میں پختونوں کی نسل کشی پر اظہارِ افسوس اور پاکستان اور افغانستان کے حکم رانوں کی نا اہلی اور دونوں ملکوں میں خوں ریزی اور بداَمنی پر دکھ و الم کا اظہار ان کے اخلاص کا مظہر ہے۔ ان کی دِلی تمنا ہے کہ افغانستان اور پاکستان جیسے دوبرادر ملکوں میں اچھے تعلقات قائم ہوں اور اگر ان ممالک میں دس سال تک بھی مسلسل امن قائم ہو جائے اور ان کے عوام کو مخلص قیادت میسر آجائے تو عشروں پر پھیلی پس ماندگی اور خوں ریزی کا ازالہ فوری طور پر بہ آسانی ہو سکتا ہے۔
	ہم بھی سجاد محمد یوسف زئی کے ان سچے جذبات اور احساسات کا ساتھ دیتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ سجاد محمد یوسف زئی نے موجودہ کتاب کی شکل میں افغانستان پر جو تحقیقی اور تاریخی کام کیا ہے اور افغانستان کے حالات پر جو جامع تبصرہ کیا ہے، اسے علمی اور عوامی حلقوں میں پزیرائی ملے اور سجاد صاحب آئندہ بھی اس حوالے سے اپنی تصنیف و تالیف کا کام آگے بڑھائے۔

						فضل ربی راہی (لندن)
						19 ستمبر 2011ء





کچھ کتاب کے بارے میں 


	اس کتاب میں مَیں کوئی ایسا دعویٰ نہیں کرتا کہ جس سے یہ ثابت ہو کہ میں اپنی علمی دھاک بٹھانے کی کوشش کر رہا ہوں یا اپنی علمی بڑھائی کا دعویٰ کر رہا ہوں۔ میں تو صرف علم کا ایک ادنیٰ طالب علم ہوں جس کی علم حاصل کرنے کی پیاس ابھی تک نہیں بجھی۔
	اس کتاب میں مَیں نے جن خیالات کا اظہار کیا ہے، یہ تو آپ کے بھی، میرے بھی اور کسی بھی عام انسان کے خیالات و احساسات ہیں جنھیں اکٹھا کر کے میں آپ کی خدمت میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہوں۔
	یہ کتاب آپ کو اس حوالے سے منفرد لگے گی کہ یہ تبصرہ ہے افغانستان، پاکستان اور عالمی سیاست کا۔ ماضی، حال اور مستقبل کا۔ یہ کہ ہمیں عالمی سیاست کی بساط پر شطرنج کے کھیل کے کھلاڑیوں نے مہروں کی طرح کیسے استعمال کیا، اور اب بھی ہمیں استعمال کیا جا رہا ہے۔ میں نے یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ عالمی استعماری قوتوں نے اپنے سیاسی، معاشی اور اقتصادی مفادات کے لیے ہمیں سازشوں کے جال میں کیسے پھنسایا، ان سے نکلنے کی تدابیر کیا ہیں ؟ لیکن بات پھر وہی تعلیم سے شروع ہوکر تعلیم پر اختتام پذیر ہوتی ہے کہ پاکستانی ہونے کے ناطے ہمیں موجودہ اور آنے والی نسلوں کو آخری حد تک تعلیم یافتہ بنانے کے لیے حکومتی سطح کی کاوشوں کے ساتھ ساتھ اپنی انفرادی جدوجہد بھی جاری رکھنی ہے۔ کیوں کہ صرف اور صرف جدید تعلیم ہی میں ہمارے سارے مصائب و مسائل کا حقیقی حل موجود ہے۔ اسلامی نقطۂ  نظر سے میری مراد دینی اور دُنیوی دونوں علوم و فنون سے ہے۔ اگر ہمیں پاکستانی معاشرے کو ایک اسلامی، فلاحی اور ترقی یافتہ معاشرہ بنانا ہے تو ہمیں دینی اور دُنیوی دونوں علوم کے ساتھ ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے علوم کے ایسے ریسرچ ادارے بنانا ہوں گے جن میں بہ یک وقت دونوں علوم جدید دور کے تقاضوں کے مطابق پڑھائے جائیں۔ سارے اداروں میں یک ساں طرزِ تعلیم ہو جس سے طلباء کی ذہنی صلاحیتیں بھی اُجاگر ہوں اور تعلیمی معیار بھی ایک جیسا ہو جس سے طبقاتی نظام وجود میں نہ آسکے۔ آج کل ہمارے پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں جو نظام تعلیم رائج ہے اس سے سرکاری سکولوں میں زیرتعلیم طلبہ پر نہایت منفی نفسیاتی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ وہ نہ صرف احساسِ کم تری کے شکار ہوتے ہیں بلکہ اس کے نتیجہ میں معاشرے میں مختلف متضاد طبقات بھی وجود میں آرہے ہیں جس سے مجموعی سماجی زندگی انتشار کا شکار ہے۔ ہمارے پالیسی سازوں کو ملک میں یک ساں نظام تعلیم رائج کرنے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے اور اگر سرکاری سکولوں کا معیار بلند کر کے انھیں نجی سکولوں کے معیار تک لے آئیں تو…
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی


						سجاد محمد خان یوسف زئی
							 (لندن)



پیش لفظ 

	لندن کے اکادمی برائے سفارتی علوم میں پڑھنے کے دوران میں نے دیکھا کہ بشمولِ افغانستان دنیا کا بیشتر حصہ جنگ و جدل، لڑائیوں اور خانہ جنگیوں کے لپیٹ میں ہے۔ ساتھ ہی اقوامِ متحدہ کا بطور امن قائم کرنے والے، امن برقرار رکھنے والے اور امن نافذ کرنے والے ادارے کی کوششیں بھی مجھ پر واضح ہوئیں۔ اور ساتھ ہی مجھ پر یہ حقیقت بھی آشکارا ہوئی کہ افغانستان میں امن فارمولے کے بزورِ بازو نفاذ کے لیے اقوام متحدہ کے پاس ما سوائے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی مدد کے کوئی دوسرا خودمختار ذریعہ موجود نہیں ہے۔ اپنے مقالے میں میں نے افغانستان کی المناک جنگی داستان سے حاصل شدہ سبق کا تجزیہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ ساتھ ہی میں نے نہ صرف اس سیاہ بخت ملک کے تباہی کے بنیادی حقائق کی وضاحت کی سعی کی ہے بلکہ اس سوال کا جواب بھی دینے کی کوشش کی ہے کہ آخر وہ کون سی وجوہات ہیں جن کی بناء پر اقوامِ متحدہ اپنی امن کوششوں میں تاحال کامیاب نہیں ہوپایا ہے۔ 
	جو واضح نتیجہ میں نے افغانستان میں خانہ جنگی میں کار فرما عوامل کے مطالعے سے اخذ کیا وہ ہے افغان جنگ میں علاقائی اور بیرونی طاقتوں کے مفادات کا تصادم جو کہ افغانستان کے مسئلہ میں اقوام متحدہ کے امن دہندہ کا کردار ادا کرنے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ 

	یہاں پر میں لندن ڈپلومیٹک اکیڈمی کے قابل قدر اساتذہ کرام، خصوصاً ڈائریکٹر اکادمی ڈاکٹر نیبل آید (Nabil Ayad)کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ساتھ ہی میں اپنے شفیق نگران روجر میک نلی (Roger Mc Nally)کا بھی تہہ دل سے مشکور ہوں جن کے روح پرور لیکچرز اور ماہرانہ آراء سے میں فیضیاب ہوا۔ آخر میں میں ان تمام اساتذہ کرام کا بھی ممنون ہوں جو اکادمی میں بطور مہمان تشریف لائے۔ 
						سجاد محمد خان یوسف زئی 
						(لندن)
						 8جولائی، 1998ء



افتتاحیہ

	یہ 1996-97ء کا دورانیہ تھا۔ جب میں نے  Diplomatic Studies میں ایم اے کا کورس  University of Westminster London سے شروع کیا۔ اس سے پہلے میں پشاور یونی ورسٹی سے انٹرنیشنل ریلیشنز میں ماسٹر کر چکا تھا۔ ڈپلومیٹک سٹڈیز میں مَیں دوسرا ماسٹر اس لیے کرنا چاہتا تھا کیوں کہ یہ ریسرچ ورک پر مشتمل تھا۔ اس لیے میں نے یہی سوچ کر اس میں داخلہ لیا کہ ذرا ریسرچ ورک کا تجربہ بھی حاصل ہو اور ساتھ ساتھ دوسرا ماسٹر بھی ہو جائے جو اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بغیر کسی رکاؤٹ کے کامیابی سے پایہ تکمیل تک جا پہنچا۔ تھیسس کے لیے جو موضوعات میں نے اپنے ٹیوٹر  Mr. Roger Mc Nally کی صلاح و مشورہ سے چنے اور جن کے متعلق میری معلومات کافی تھیں ، وہ موضوعات درج ذیل تھے۔
(1) Pak-Afghan Relations
(2) Indo-Pak Relations and the Issue of Kashmir
(3) The Role of the United Nations in Afghanistan
	میں نے تینوں موضوعات پر  Presentation Papers تیار کر لیے اور اپنے ٹیوٹر کی موجودگی میں ہر ایک پر پندرہ منٹ کے دورانئے کا لیکچر پیش کیا اور پندرہ منٹ کا سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔ میں نے تو اپنی دانست میں تینوں عنوانات پر خوب تیاری کی تھی لیکن میرے ٹیوٹر اور کلاس فیلوز کو  The Role of the United Nations in Afghanistan زیادہ پسند آیا۔ پھر میں نے بھی پیچھے کی طرف نہیں دیکھا، مواد اکھٹا کرنا شروع کر دیا لیکن ان دنوں جتنی کتابیں مارکیٹ یا مختلف لائبریریوں میں افغانستان پر دست یاب تھیں ، وہ سب بہت پرانی ہو گئی تھیں جن کا حوالہ تو پولیٹیکل ہسٹری میں مناسب تھا لیکن برسرِ زمین حقائق کے لیے اخبارات و رسائل، مختلف سکالرز سے انٹرویوز اور ان کے لیکچرز سننے پڑتے تھے۔ جس کو سیکنڈری سورس کے طور پر تھیسز میں استعمال کرنا یا ان کا حوالہ دینا پڑتا تھا۔
	جب میرا تھیسز مکمل ہوا تو اس وقت افغانستان کے حالات طالبان کے حق میں جا رہے تھے اور پھر آہستہ آہستہ مارکیٹ یعنی کتابوں کی دکانوں میں طالبان اور افغانستان پر نئی کتابیں بھی منظر عام پر آنے لگیں۔ جن کا مجھے اپنی تھیسز میں استعمال کرنے کا تو موقع نہیں ملا لیکن میں نے قریباً تمام کتابوں کا مطالعہ ضرور کیا۔ جس سے علمی فائدہ بہرحال ہوا اور اب بھی میرا مطالعہ جاری ہے اور میں ان موضوعات پر اپنا مطالعہ آئندہ بھی جاری رکھنا چاہتا ہوں۔ ویسے بھی علم حاصل کرنا ایک جاری و ساری کوشش کا نام ہے اور جس کو ایک دفعہ کتاب پڑھنے کا چسکا پڑ جائے، وہ پھر عمر بھر نہیں چُھوٹتا اور ہونا بھی نہیں چاہئے کیونکہ مسلمان کی حیثیت سے یہ ہمارا مذہبی فریضہ بھی ہے اور قرآن کی ابتداء بھی اقراء سے ہوئی ہے۔
	جب میں اپنی تھیسس کے آخری حصہ میں پہنچا تو اس وقت ایک مشکل یہ سامنے آ گئی کہ میری تھیسس کا اختتام نہیں ہو رہا تھا کیونکہ اس کے لیے افغانستان کے حالات میں کوئی تبدیلی درکار تھی کہ یا تو افغانستان پر طالبان کا مکمل کنٹرول ہو یا کوئی اور نتیجہ خیز واقعہ رونما ہو جس کے نتیجے میں مَیں اپنی تھیسس کا اختتام کرتا جو نہ اُس وقت ہوا اور نہ آج ہو سکا ہے۔ پھر اپنے ٹیوٹر کے مشورے سے میں نے اس کا اختتام کچھ اس طرح کیا کہ مستقبل میں افغانستان کی خانہ جنگی کے اثرات ہمسایہ ممالک پر کیا ہوں گے اور وہ مزید کتنی مداخلت کر سکتے ہیں ؟ یا افغانستان کو مستقبل میں میدانِ جنگ بنا کر ہمسایہ ممالک خاص طور پر اور خطے سے باہر کے ممالک عمومی طور افغانستان میں مداخلت کر کے اپنے اپنے تنازعات کا بدلہ افغان سرزمین پر ایک دوسرے سے لیتے رہیں گے۔ پھر آنے والے حالات اور واقعات نے ثابت بھی کر دیا کہ حقیقتاً ویسا ہی ہوا جس کا خدشہ میں نے اپنی تھیسس میں ظاہر کیا تھا اور اب تک اسی طرح ہو رہا ہے جب کہ 9/11 کے واقعہ نے اس جلتی پر تیل کا کام کیا۔
	9/11 کا واقعہ براہِ راست میرا موضوع نہیں ہے لیکن سب کو پتہ ہے کہ اصل میں ہوا کیا  تھا۔ یہ واقعہ میری تھیسس مکمل کرنے کے کچھ سال بعد ہی وقوع پذیر ہوا تھا۔ جس کا ذکر پھر بعد میں مَیں نے اپنے ان مضامین میں کیا جو میں نے برطانیہ میں روزنامہ ’’جنگ‘‘ لندن کے لیے وقتاً فوقتاً تحریر کئے۔ جنگ ادارے کا میں بہت شکرگزار ہوں کہ اس نے میرے تمام مضامین کو مناسب جگہ دی۔ وہ تمام مضامین اس کتاب میں شامل ہیں۔ جو اوٹاگرد 

سیریںتوار سنھ                                                                                                          دھورا پن مجھے اپنی تھیسس کے لکھتے وقت محسوس ہوئی تھی اور جو مواد مجھے تھیسس مکمل ہونے کے بعد ملے، وہ میں نے اخباری مضامین کی شکل میں لکھ کر اس ادھوری پن کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔ اب بھی میری خواہش ہے کہ درمیان میں جو ماہ و سال گزرے ہیں اور جو تبدیلی افغانستان اور پاکستان کے سیاسی حالات میں رونما ہوئی ہے، اسے قلم بند کر کے موجود وقت تک لے آؤں۔
	9/11 کے واقعہ کے تناظر میں افغانستان اور پاکستان کے واقعات ایک دوسرے سے جڑ گئے اور ایک دوسرے کے واقعات، حالات، امن و بدامنی، خود کش حملوں ، ڈرون حملوں ، معاشی اور سیاسی ابتری کا شکار بھی ہوئے اور ایک دوسرے کا آئینہ بھی بنے اور متاثر بھی بہت ہوئے۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کے اندرونی حالات سے ایسے متاثر ہوئے کہ ایک کا ذکر کرتے ہوئے دوسرے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جب کہ حقیقت بھی یہی ہے کہ آپ جغرافیائی لحاظ سے ہمسائے کو بدل نہیں سکتے لیکن ایک دوسرے کے حالات و واقعات میں مداخلت بھی ہوتی رہی ہے، ہو رہی ہے اور آئندہ بھی یہ مداخلت جاری رہے گی۔ یہ مداخلت بلاواسطہ اور بالواسطہ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک افغانستان کا مسئلہ مکمل طور پر حل نہیں ہوتا اور فی الوقت اس کے دور دور تک آثار نظر نہیں آتے۔ ہو سکتا ہے کہ افغان (کرزئ) حکومت اور امریکا کی طالبان سے بات چیت اور صلح صفائی کے بعد افغانستان کے حالات معمول پر آ جائیں لیکن پاکستان کے حالات اس وقت تک سدھر نہیں سکتے جب تک امریکا پاکستان کی اندرونی سیاست میں مداخلت بند نہیں کرتا جو کہ ان حالات میں دیوانے کا ایک خواب ہی لگتا ہے۔
	میں حتی الوسع کوشش کروں گا کہ پاکستان کی ابتر صورت حال جس نے سارا پاکستان عمومی طور پر اور خیبر پختون خوا کو خصوصی طور پر اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، سے نکلنے کا حل پیش کروں۔ ضروری نہیں کہ جو حل میرے ذہن میں ہے،اس سے میرے پڑھنے والے اور دوسرے پاکستانی  اتفاق کریں لیکن افسوس تو ہوتا ہے کہ جب اللہ تعالیٰ نے وطن عزیز کو ہر طرح کی نعمتوں سے مالا مال کیا ہے اور اس کے باوجود یہ خوب صورت ملک اور خصوصی طور پر خیبر پختون خوا بارود کا ڈھیر بنا ہوا ہے۔ میں اپنی اس کتاب میں پاکستان کے مسائل کا حل بھی تجویز کروں گا اور نجات کا راستہ بھی دکھاؤں گا، اس کے بعد پاکستان کی پالیسی سازوں کی مرضی کہ وہ اپنے لیے کونسا راستہ اختیار کرنا پسند کرتے ہیں۔ مشکل اور ٹیڑھا راستہ جو کہ ہمیں غلامی کی طرف لے جاتا ہے اور ہمیں دوسری اقوام کا دست نگر رکھتا ہے اور یا وہ راستہ جس کے نتیجے میں ہم سے وہ آزادی چھن جاتی ہے جو ہمیں ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کے بعد ملی ہے۔ اس کے برعکس تیسرا راستہ بہت آسان اور سیدھا سادہ ہے جو کہ مسلمان ہونے کے ناطے ہمیں نجات کی طرف لے جاتا ہے اور جس میں ہماری دنیاوی اور اُخروی زندگی کا فائدہ ہے۔
	ہم نے گزشتہ بائیس سالوں کے دوران دنیا میں بہت سے انقلابات دیکھے۔ اس دوران انسانوں کے بنائے ہوئے نظام یا تو مکمل ناکام ہو کر رہ گئے یا ناکام ہونے کے دھانے پر پہنچ چکے ہیں۔ سوویت یونین کے بکھرنے سے سوشلزم کا نظام مکمل ناکامی سے دوچار ہوا جب کہ کیپٹلزم بھی تیزی سے ناکامی کی طرف گامزن ہے۔ یہ تمام نظام سیاسی، معاشی اور سماجی طور پر انسانوں کو کوئی مستقل خیر یا فائدہ نہیں پہنچا سکے۔ ان میں اتنی سکت نہیں رہی کہ عالمی طور پر انسانوں کے مسائل کا کوئی آسان حل پیش کر سکیں۔ یہ ایسا اس لیے نہیں کر سکتے کہ ان کی بنیادیں ہی بے انصافی پر رکھی گئی ہیں۔ بین الاقوامی معاشی نظام امریکا جیسے کیپٹلسٹ ملکوں کے سرخیل کے اصولوں پر چل رہا ہے۔ اس نے پوری دنیا کے مالیاتی نظام کو اپنے بینکنگ اصولوں کے تابع کر رکھا ہے اور اس نظام میں صرف دولت کا ارتکاز ہے، گردش نہیں۔ جب دولت کی گردش نہ ہو تو پھر آہستہ آہستہ بے انصافی پر مبنی اس نظام میں امیر امیر تر اور غریب ہمیشہ غریب تر ہی رہے گا۔ پاکستان کا نظام حکومت اور ادارے بے انصافی پر چل رہے ہیں۔ وطن عزیز میں کسی شہری کو اس کا جائز مقام اور حق نہیں ملتا۔ اس لیے ہر طرف بدامنی اور قتل و غارت نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ اس طرح جب عالمی سطح پر عالمی بے انصافیاں ایک قوم، ملک اور خاص کر مسلمانوں کے خلاف ہوں گی تو اس سے عالمی بدامنی پھوٹ پڑتی ہے جس کی ظاہری شکل و صورت اس وقت ہم دہشت گردی کی شکل میں دیکھ رہے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ مسلم اُمہ کے رہنما آپس میں بیٹھ کر سارے عالم اسلام کے لیے ایک ایسے ادارے کی تشکیل کریں جس میں مسلمانوں کے آپس کے مسائل کا حل اور وسائل کو اکھٹا کر کے مسلم اُمہ کے طور پر تمام شعبوں میں ایک دوسرے کی مدد کرتے ہوئے ترقی کی منازل طے کریں۔ تعلقات اور تجارت تو پوری دنیا سے رکھیں لیکن اصل فائدہ اور فوائد مسلمانوں ہی کو پہنچائیں۔ اگر ایسا ممکن ہوا تو چند سالوں میں ہی تمام عالم اسلام غربت و پس ماندگی سے نجات حاصل کر سکے گا۔ اس طرح ہمیں عالمی استعماری طاقتوں کی غلامی سے بھی نجات مل سکے گی۔ ایسے میں اقوام متحدہ کے متوازی ایک مسلم اقوام متحدہ  (Muslim United Nations)کی بنیاد رکھنا پڑے گی جس طرح یورپی یونین نے ایک طرح سے اپنی متحدہ اقوام کی بنیاد رکھی ہے۔ اس کی اصل وجہ یہ ہو گی کہ موجودہ اقوام متحدہ تو یورپ اور امریکا کی لونڈی بنی ہوئی ہے کیوں کہ وہاں تو صرف مسلمان ممالک کے خلاف ہی قراردادیں پاس ہوتی ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام مسلم ممالک متحد ہوں اور اپنا ایک متحدہ پلیٹ فارم بنائیں۔ وہ پلیٹ فارم او آئی سی کی طرح نہ ہو اور نہ ہی عرب لیگ کی طرح ہو جس میں مسلمانوں کی بجائے غیروں کے ایجنٹ بیٹھے ہوئے ہیں۔ اس وقت ہمیں دوسری اقوام کا مقابلہ کرنا ہے۔ مقابلہ سے میرا یہ مطلب نہیں کہ ہم سب ہتھیار اٹھا کر قتل و غارت گری کا بازار گرم کریں بلکہ اصل مقابلہ ہتھیاروں سے نہیں بلکہ علم و قلم سے کرنا ہو گا۔ علم جو ایک مومن کی گم شدہ میراث کی حیثیت رکھتی ہے،اس کو دوبارہ حاصل کرنا ہو گا۔
	یہ کوئی ناممکن بات نہیں۔ ہمارے آبا و اجداد نے یہ سب کچھ عملاً کر کے دکھایا تھا۔ انھوں نے مغربی اقوام سے لڑائیاں بھی لڑیں اور جب مغرب تک کے ممالک فتح کر لیے تو وہاں یونی ورسٹیاں بھی بنائیں جن کا اس وقت مغربی ممالک میں تصور تک نہیں کیا جا سکتا تھا۔ کیوں کہ اس وقت مغربی ممالک جہالت کے اندھیروں میں پڑے تہذیب و تمدن سے ناآشنا تھے۔ میرا مطلب مغرب میں سپین سے ہے جس کو اس وقت اندلس یا اندیلسیا کہا جاتا تھا۔ مسلمانوں نے وہاں لڑائیاں بھی لڑیں ، اسلام کی وحدانیت کا پیغام بھی پہنچایا۔ جب ان کے پاؤں جم گئے تو صلح اور آشتی کو پھیلایا اور علم کے ایسے ادارے قائم کئے جن کے اتنے دور رس نتائج نکلے کہ قرطبہ، غرناطہ اور اشبیلیا علم کے گہوارے بن گئے جہاں طالب علم دور دراز سے آ کر اپنی علمی پیاس بجھاتے تھے۔ سارا یورپ مسلمانوں کی وجہ سے علم کی روشنی سے منور ہو گیا اور اہل یورپ نے نئی تہذیب کی بنیادیں مسلمانوں کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں پر استوار کیں۔ ہم نے اپنی اسلامی تہذیب کے سنہرے اصولوں کو بھلا دیا ہے یا بھلا رہے ہیں جب کہ یورپ میں ہمیں اسلامی تہذیب کے نمونے جا بجا بکھرے ہوئے نظر آتے ہیں۔ اقبال نے کیا خوب کہا ہے۔	؎
ہمارے علم کے موتی کتابیں اپنے آبا کی
جو ان کو دیکھے یورپ میں تو دل ہوتا ہے سیپارہ
	اب ہمیں اپنے علمی ورثے کی ڈور وہاں سے پکڑنی ہے جہاں سے یہ ٹوٹی تھی۔اس میں گرہ لگا کر اسے دوبارہ وہاں تک پہنچانا ہے تاکہ اسے پھر سے دوسری اقوام کے لیے مثال بنا دیا جائے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ہم دوسری اقوام سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ ہمارا حقیقی جہاد انہی میدانوں میں ہونا چاہئے۔ جس کی بدولت ہم ترقی کر کے اپنے پیارے ملک پاکستان اور عالم اسلام کو خود مختار اور مقتدر بنائیں۔ آمین

٭٭٭


تمہید 

	افغانستان کی تاریخ جنگ و امن اور اُن بیرونی استعماری طاقتوں کے خلاف جہدِ مسلسل کی ایک نا ختم ہونے والی داستان ہے جو افغانستان کی آزادی غصب کرنا چاہتے تھے لیکن یہ افغان لوگوں کا آزادی کے ساتھ لازوال محبت کا رشتہ ہے کہ وہ استعماری طاقتیں اپنے ناپاک عزائم میں کبھی فتح مند نہ ہو سکیں اور ہمیشہ منہ کی ہی کھائی۔ ہم افغان قوم کے مذکورہ محبت کا عملی مظاہرہ ماضی بعید میں انگریزوں کے ہندوستانی فوج اور ماضی قریب میں سابق سویت یونین کے خلاف جنگ میں دیکھ چکے ہیں۔ 
	اپنی پسماندگی کے باوجود، پچھلے کئی دہائیوں سے افغانستان دنیا کی بڑی طاقتوں کے مفادات کا مرکز رہا ہے۔ افغانستان کی آزادی سے بہت پہلے یہ علاقہ روسی اور برطانوی عداوت اور کیپلنگ (Kipling)کے الفاظ میں گریٹ گیم (Great Game)کا میدان رہا۔ جب پچھلی صدی کے چوتھے عشرے میں برطانوی سامراج برصغیر سے واپس چلی گئی تو وہ اپنے پیچھے طاقت کا ایک خلاء چھوڑ گئی تب اس خلاء کو محسوس کیا گیا اور بالآخر اس خلاء کو پُر کرنے کے لیے امریکہ نے اس خطے میں قدم رکھا۔ جب امریکہ نے برصغیر میں برطانیہ کی جگہ لی تو سرد جنگ کے تناظر میں امریکہ اور سوویت یونین کے درمیان ایک اور ’’گریٹ گیم‘‘ کا آغاز ہوا۔ 
	روسی عوام زارِ روس کے دور سے آمو دریا کے دیس افغانستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے خواہش مند تھے۔ یہی وجہ تھی کہ 1919ء میں افغانستان کی آزادی کے وقت روس نے بلا تردد  افغانستان کو ایک آزاد اور اور خود مختار ملک کی حیثیت سے تسلیم کر لیا تھا۔ اور تب سے افغانستان میں روسی اثر نفوذ ہونا شروع ہوا اور افغان حکمران ہر دور میں کسی نہ کسی طریقے سے روس سے معاشی اور عسکری امداد لینے پر مجبور رہے۔ وجہ یہ تھی کہ افغان حکمران باوجود اپنی پسماندگی کے افغانستان کو ایک جدید ملک بنانے کے آرزو مند تھے۔ (باب اول)
	افغانستان پر 1979ء کی یلغار کا عذر سوویت یونین نے یہ پیش کیا کہ افغانستان نے  دوستی کے ایک معاہدے کی رو سے خود اسے مداخلت کی دعوت دی تھی۔ (باب دوم) 
	افغانستان میں اقوام متحدہ کا امن کردار اس وقت سامنے آیا جب روس نے افغانستان پر حملہ کیا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں افغانستان پر روسی حملے کے خلاف متعدد قرار دادیں پاس ہوئیں اور رکن ممالک نے اس حملے کی بھر پور مذمت کی اور افغانستان سے روسی فوج کے فوری انخلاء کا مطالبہ کیا۔ (باب سوم چہارم) 
	فروری 1981ء میں اقوام متحدہ نے اُن جماعتوں کے مابین مذاکرات کا آغاز کیا جو کسی نہ کسی طرح افغان جنگ میں ملو ث تھے جس کے نتیجے میں 1988ء میں جنیوا میں یہ جماعتیں اقوام متحدہ کے امن فارمولے اور افغانستان سے روس کے مکمل فوجی انخلاء کی مجوزہ مدت پر متفق ہوئیں لیکن افغانستان سے آخری روسی فوجی کے انخلاء کے باوجود افغانستان میں امن کا نام و نشان نظر نہیں آ رہا تھا۔ افغان مجاہدین جنیوا معاہدوں سے خوش نہیں تھے کیوں کہ ان کو مذاکرات میں مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا تھا۔ اسی کے ردِ عمل میں انہوں نے افغانستان سے ڈاکٹر نجیب کے اشتراکی حکومت کو ہٹانے کا مطالبہ کیا لیکن اسکے باوجود وہ 1992تک اقتدار میں رہے۔ 
	10فروری 1989ء کو افغان مجاہدین نے پاکستان (پشاور) میں اپنی جلا وطن حکومت قائم کی اور ایک شوریٰ قائم کیا اور افغانستان میں ڈاکٹر نجیب کی اشتراکی حکومت کے گرنے کا انتظار کرنے لگے۔ 28اپریل 1992کو صبغت اللہ مجددی افغانستان میں بطور صدر داخل ہوئے جس طرح پشاور معاہدے میں فیصلہ کیا گیا تھا۔ مجددی کی صدارتی مدت کے اختتام پر برہان الدین ربانی افغانستان کے نئے صدر بنے۔ یہ فیصلہ شوریٰ کے ایک اجلاس میں کیا گیا تھا کہ وہ انتخابات کے لیے راہ ہموار کریں گے اور انتخابات کے بعد حکومت کی باگ ڈور عوامی نمائندگان کو سپرد کر دیں گے لیکن نہ ہی انہوں نے انتخابات منعقد کرنے کے لیے کوئی جامع لائحہ عمل مرتب کیا اور نہ ہی اپنی صدارتی مدت پوری کرنے پر اقتدار سے دست بردار ہوئے۔ (باب پنجم) 
	1994ء میں افغانستان میں ایک تنظیم طالبان نمودار ہوئی اور آتے ہی ربانی سے اقتدار سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا لیکن وہ اس بات کے لیے تیار نہ ہوا۔ دریں اثناء طالبان ملیشا دھیرے دھیرے ملک میں اپنے اثر و رسوخ اور طاقت میں اضافہ کرتی رہی اور یکے بعد دیگرے افغانستان کے اہم شہروں اور صوبوں پر قبضہ کرتی چلی گئی۔ اور جب ربانی نے ان کے مطالبات مسترد کر دیئے تو وہ ربانی فوج کے مدِ مقابل ہوئے۔ (باب ششم) 
	ستمبر 1996ء کے آخری ہفتے کے دوران طالبان افغانستان کے دارالحکومت کابل پر قابض ہو گئے اور حکومت کی افواج کو ملک کے شمال کی طرف دھکیل دیا۔ آج طالبان ملک کے کل 34 صوبوں میں سے 22صوبوں پر قابض ہیں اور ملک کے شمال کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔ (یہ مقالہ 1997ء میں لکھا گیا تھا جب افغانستان میں طالبان ملک پر قابض ہونے کی جدوجہد کر رہے تھے۔) چونکہ موسم سرما ختم ہونے کو ہے تو پہاڑوں پر برف پگھلنے کے ساتھ ہی دونوں مخالفین میں ملک پر قبضہ کرنے کی فیصلہ کن جنگ میں شدت آتی جائے گی۔ 
	افغانستان اور افغانستان سے باہر امن پسند افغان جو مہاجر ین کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں وہ آج بھی پُر امید ہیں کہ بالآخر افغانستان میں جنگ کا خاتمہ ہو گا اور زندگی پر سکون ہو جائے گی۔ دو دہائیوں سے جنگ کی وحشت اور دہشت میں زندگی گزارنے والے افغان لوگ یکسر امن بھول گئے ہیں۔ اب وہاں امن قائم ہونے میں کئی سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ 
	قارئین کرام! اگلے صفحات میں پیش کیا جانے والا تجزیہ افغانستان میں جنگ کے خاتمے کے لیے کی جانے والی جدوجہد اور خصوصاً اس جدوجہد میں اقوام متحدہ کے کردار کے کے حوالے سے ہے۔ 
٭٭٭




بابِ اوّل

ملوکیت سے جمہوریت تک

	’’ جدید افغانستان خالصتاً ایک حادثاتی جغرافیائی اکائی ہے جسے یا تو فاتحین کے زورِ شمشیر یا مدبر سیاست دانوں کی انفرادی فطانت نے وسطی ایشیاء کے دل سے تراشا ہے‘‘۔ ’’لارڈ کرزن‘‘

افغانستان کی سیاسی تاریخ
	افغانستان خشکی میں محصور ملک ہے جو وسطی ایشیاء کو جنوبی ایشیاء سے اور کسی حد تک مغربی ایشیاء اور مشرقی وسطیٰ کو باہم ملاتا ہے۔ افغانستان اگر چہ معاشی لحاظ سے ایک پسماندہ ملک ہے تاہم یہ وسطی ایشیا، خلیج فارس اور برصغیر کے نقطہ ملاپ پر جنگی لحاظ سے ایک اہم خطہ ہے۔ جنوب مغرب کی جانب اس کی سرحدیں ایران سے ملی ہوئی ہیں جبکہ مشرقی سرحدیں ڈیورنڈ کی پٹی پر پاکستان سے ملی ہوئی ہیں۔ کوہ ہندوکش کے ساتھ ساتھ شمال مشرق کی طرف افغانستان کی ایک باریک سرحد چین سے بھی ملی ہوئی ہے۔ 
	زمانہ قدیم سے اس اہم جغرافیائی ’’چوراہے‘‘ پر کئی نسلی گروہ جو آج مجموعی طور پر افغان کے نام سے جانے جاتے ہیں ، آباد ہیں۔ یہاں پر 30کی لگ بھگ مختلف زبانیں اور بولیاں بولی جاتی ہیں لیکن جو عام رابطے کی زبانیں ہیں وہ پشتو اور دری ہیں۔ جیسا کے بتایا گیا کہ افغانستان میں کئی نسلی گروہ آباد ہیں مگر ان میں پشتون اور تاجک ملک کی کل آبادی کے اکثریتی گروہ ہیں۔ تاہم پشتون دیگر نسلی گروہوں کی مجموعی تعداد سے بھی زیادہ ہیں۔ پشتون قوم نے صدیوں سے یہاں کی سیاست میں ایک نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ پشتون قوم میں سیاسی اعتبار سے سب سے اہم قبیلہ درانی قبیلہ ہے جس کے ذیلی قبیلے سردوزئی نے افغانستان پر اٹھارویں صدی کے دوران حکومت کی جبکہ تب سے حالیہ دور تک محمد زئی ذیلی قبیلہ تخت نشین رہا۔ در اصل افغانستان کی تاریخ قبیلوں ، گروہوں ، حکومت، حکومت مخالفین، اُمراء، بادشاہوں ان کے مخالفین اور دیگر مخالف عناصر کے مابین ایک نا رُکنے والی اندرونی لڑائیوں اور جنگوں کی طویل داستان ہے۔ 
	جس طرح پہلے ذکر کیا جاچکا ہے کہ زارِ روس کے دور سے روس آمو دریا کے دونوں کناروں پر آباد ملک افغانستان سے دوستانہ تعلقات استوار کرنے کا خواہاں رہا ہے۔ افغانستان اپنے جغرافیائی، قومی اور لسانی تنوع اور اپنے سماجی اور ثقافتی تشکیل کی بناء پر ہمیشہ سے ایک منفرد حیثیت کا حامل ملک رہا ہے۔ بعض ماہر عمرانیات نے افغانستان کو قوموں کا آمیزہ کہا ہے تو بعض نے اسے قوموں کا عجائب گھر قرار دیا ہے لیکن افغانستان کا جو اہم ترین پہلو ہے وہ ہے اس ملک کے باشندوں کا آزادی سے محبت اور جذبۂ حریت پسندی۔ ہم افغان قوم کی آزادی سے محبت کا عملی مظاہرہ برطانوی راج کے دور میں انگریزوں کے ہندوستانی فوج کے خلاف جنگ میں دیکھ سکتے ہیں۔ 
	افغانستان اور اس سے ملحقہ ہمسایہ ملک کے باشندوں کا تعلق ایک ہی نسل سے ہے۔ یہ لوگ تب ایک دوسرے سے علیحدہ ہوئے جب انیسویں صدی کے آخری نصف میں افغانستان اور موجودہ پاکستان کے پشتون اکثریتی علاقوں کے درمیان با ضابطہ حد بندی کی لکیر کھینچی گئی۔ افغانستان اور پاکستان کے درمیان برائے نام ڈیورنڈ لائن نے افغانستان کو اپنے ہی پشتون آبادی سے علیحدہ کر دیا۔ اٹھارویں صدی میں افغانستان کی تخلیق میں پشتونوں نے ایک کلیدی کردار ادا کیا۔ لیکن پشتون قوم نے اس حد کو قبول نہیں کیا یہی وجہ تھی کہ جب 1947ء میں انگریز ہندوستان چھوڑ کر چلے گئے تو افغانستان کے پشتونوں نے ڈیورنڈ لائن کے اس پار موجود اپنے پشتون بھائیوں کو پاکستان سے آزاد ریاست پختونستان بنانے کا اعلان کرنے کے لیے اُبھارا۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ تب سے آزاد ریاست کا تصور افغانستان اور پاکستان کے مابین سیاسی اور سفارتی تعلقات پر گہرے اثرات مرتب کر رہا ہے۔ 
	جیسا کہ پچھلے صفحات میں ذکر کیا گیاہے کہ اپنی پسماندگی کے باوجود افغانستان گزشتہ کئی دہائیوں سے دنیا کی بڑی طاقتوں کی دلچسپی اور مفادات کا مرکز رہا ہے۔ افغانستان اپنی آزادی سے بہت پہلے، روسی اور برطانوی عداوت، کپلنگ (Kipling)کے الفاظ میں ’’گریٹ گیم‘‘ کا میدان جنگ بنا رہا ہے۔ انیسویں صدی کے دوران دونوں ممالک افغانستان کے وسیع علاقوں پر قابض ہو گئے جو سکڑتے سکڑتے حالیہ حجم تک پہنچ گیا۔ برطانیہ نے افغانستان کے خلاف پہلی جنگ 1838ء دوسری 1878ء اور تیسری جنگ 1919ء میں لڑی اور بالآخر افغانستان کو Buffer Zoneریاست تصور کیا جانے لگا۔ 


امیر عبدالرحمن خان کا دور:
	امیر عبدالرحمن خان نے افغانستان کی مرکزی حکومت اور ملک کی حد بندی کی بنیاد رکھی جو قومی ریاست کے وجود کا نقطۂ آغاز ثابت ہوئی۔ امیر عبدالرحمن نے یورپی سامراجیت کے منڈلاتے ہوئے خوف کو ختم کرنے کے لیے معاشی اور جدیدیت پر مبنی پالیسیاں مرتب کیں۔ انہوں نے ایک موقعہ پر افغانستان اور اس کی مکمل تنہائی کو ایک وسیع جھیل کے وسط میں تیرتی ہوئی مرغابی سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا تھا۔
	’’اس جھیل کے ایک کنارے پر ایک بوڑھی شیرنی، ہندوستان کی انگریز سامراجی حکومت، گھات میں بیٹھی انتظار کرتے ہوئے مرغابی کو للچائی ہوئی نظروں سے دیکھ رہی ہے۔ دوسرے کنارے پر بھوکے اور مکار لومڑیوں کا ایک ٹولا، روس، جمع ہے۔ جب یہ مرغابی تیرتے ہوئے ایک کنارے کے بہت قریب آ گئی تو بوڑھی شیرنی نے اپنے خونخوار پنجے مارکر اس کے جسم سے پر جدا کر دیئے اور جب وہ بوکھلاہٹ میں مخالف کنارے کے قریب پہنچی تو لومڑیوں کا ٹولا اس کے جسم کی دھجیاں اڑانے کے لیے اس پر چڑھ دوڑا۔ لہٰذا مرغابی نے دونوں دشمنوں کے ایذاء سے محفوظ رہنے کے لیے جھیل کے وسط میں رہنے کا فیصلہ کر لیا۔‘‘
	ایک اور موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ افغانستان ایک ایسی بکری کی مانند ہے جس پر بیک وقت ایک شیر اور ریچھ اپنی لالچی نظریں مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ امیر عبدالرحمن خان افغانستان کو ایک نیا اور جدید ملک بنانا چاہتے تھے لیکن ذرائع اور اختیارات کے فقدان کی وجہ سے وہ اپنی پالیسیاں نافذ نہ کر سکے۔ 

امیر حبیب اللہ خان کا دور:
	امیر عبدالرحمن خان کے بعد اس کا بیٹا حبیب اللہ خان افغانستان کا امیر بنا۔اپنی تاج پوشی کی تقریب سے خطاب کے دوران حبیب اللہ خان نے ضروری اصلاحات اور بیرونی جارحیت کی روک تھام کے منصوبے کی مدد سے قومی یکجہتی پالیسی کے مطابق حکومت چلانے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے برطانیہ کی نئے تجارتی معاہدے کی پیش کش مسترد کر دی کیوں کہ ان کے خیال میں اس معاہدے کے طے ہو جانے سے افغانستان کا برطانیہ پر انحصار کم ہونے کی بجائے اور بڑھ جاتا۔ اس ضمن میں 1904ء میں برطانیہ نے ایک تجارتی اور سفارتی وفد کابل بھیجا لیکن اس کو خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی۔ افغانستان نے اس وفد کے ساتھ محض شکریے کے چند کاغذوں پر دستخط کئے۔ 
	امیر حبیب اللہ خان نے 1907ء میں روس اور برطانیہ کے ساتھ کئے گئے معاہدوں کو اس بناء پر کالعدم قرار دیا کہ وہ افغانستان کے مفادات کے بالکل خلاف تھے۔ 
	برطانیہ پر مکمل انحصار اور ملک میں اختلاف رائے پر پابندی وہ عوامل تھے جس سے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں ، عوامی و فوجی عہدیداران اور آزاد خیال زمینداروں میں حکومت کی پالیسیوں کے خلاف بے چینی نے جنم لیا۔ افغان نوجوانان نے ریاست کی مکمل خودمختاری، امیر کے اختیارات کو محدود کرنے، آئین کا خاکہ تیار کرنے اور ملک کی ترقی کے لیے سازگار حالات کو یقینی بنانے کے لیے اصلاحات نافذ کرنے کے لیے جدوجہد شروع کی۔ چوں کہ یہ لوگ اور ان کے خیالات امیر کی بادشاہی کے لیے خطرہ تھے لہٰذا انہیں جیل میں ڈال دیا گیا۔ لیکن امیر حبیب اللہ خان کا اپنا بیٹا امان اللہ خان افغان نوجوانان تحریک میں شامل ہو گیا۔ یہ افغان نوجوانان برطانیہ کا وسطی ایشیاء میں قدم جمانے کے شدید مخالف تھے لیکن دوسری جانب امیر حبیب اللہ خان ملک میں برطانوی عسکری عملیات کے حق میں تھا۔ امیر اور قوم پرست عناصر کے مابین اختلافات نے ملک کے اندرونی حالات میں مزید طغیانی پیدا کی اور 20فروری 1919ء کو جلال آباد میں ایک شخص نے ملک میں جاری کشیدہ حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حبیب اللہ خان کو قتل کر دیا۔ 

امیر امان اللہ خان کا دور:
	حبیب اللہ خان کے قتل کے ساتھ ہی جدید رجحانات سے باخبر جدت پسند اصلاحی تحریک کے حامی اور تبدیلیوں کے مخالف روایت پسند سوچ رکھنے والی قوتوں کے درمیان اقتدار کے حصول کے لیے رسہ کشی شروع ہو گئی۔ امان اللہ خان نے اصلاح پسندوں کی رہنمائی کی اور بالآخر افغانستان کا اقتدار افغان نوجوانان کے حصے میں آیا۔ امان اللہ خان نے امیر بنتے ہی افغانستان کی بیرونی اور اندرونی معاملات میں مکمل خودمختاری کا اعلان کر دیا۔ 28فروری 1919ء کو اپنے خطاب میں انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ آج سے افغانستان کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت کو برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کی حکومت خود مختار ہے اور افغانستان کو وہ سارے حقوق اور مقام حاصل ہیں جو کہ دنیا کے دوسرے ریاستوں کو حاصل ہیں۔ نئے امیر نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ان تمام معاہدوں کا پابند نہیں ہو گا جو کہ سابقہ امیر کے دورِ حکومت کے دوران  کئے گئے تھے۔ 
	6مئی 1919ء کو برطانیہ نے افغانستان کے خلاف اعلان جنگ کر دیا۔ اس جنگ کے نتائج پر پشتون قوم نے گہرے اثرات مرتب کئے جو شمال میں چترال سے لیکر جنوب میں کوئٹہ تک پوری سرحد پر پھیلے ہوئے تھے۔ انہوں نے انگریز فوج کی پیش قدمی کو ناممکن بنایا۔ مئی کے مہینے میں امان اللہ خان نے اس شرط پر مذاکرات کی تجویز پیش کی کہ جب تک برطانیہ افغانستان کی خود مختارانہ حیثیت تسلیم نہیں کرتا تو افغانستان کے پاس سوائے جنگ جاری رکھنے کے اور کوئی دوسرا راستہ نہیں ہو گا۔ برطانیہ نے تجویز قبول کی اور اس طرح 3 جون کو عارضی فائر بندی کے صلاح نامے پر دستخط کئے گئے۔ 26جولائی سے 18اگست تک راولپنڈی (ہندوستان) میں برطانیہ اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوا اور دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کے ساتھ ہی یہ مذاکرات اختتام پذیر ہوئے اور 19 اگست 1919ء سے افغانستان کی آزاد حیثیت دوبارہ بحال ہوئی۔ اس معاہدے کے فوراً بعد روسی حکومت نے افغانستان کی خودمختار حیثیت تسلیم کر لی۔ 
	امریکی صدر ووڈرو ولسن  (Woodrow Wilson)اور برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ لوئڈ جارج  (David Loyd George) نے بعد از جنگ (Post-war)معاملات نمٹانے کے لیے اپنے نمائندے ماسکو بھیج دیئے۔ اجلاس میں شریک دونوں فریقین اس بات پر متفق ہوئے کہ افغانستان کے متعلق معاہدے کا بنیادی مسودہ تیار کیا جائے جس میں اجلاس کے شریک رکن ممالک پر یہ مجموعی ذمہ داری عائد کی جائے کہ وہ افغانستان حکومت کو تبدیل کرنے کے لیے طاقت کا استعمال نہیں کریں گے۔ روس نے پیرس امن کانفرنس میں شریک ممالک کے ساتھ ایک یاداشت پر دستخط کیے جس میں زور دیا گیا کہ کوئی بھی طاقت ور ریاست کسی بھی کمزور ریاست کے خلاف طاقت کا استعمال نہیں کرے گی۔ 
	1920ء میں افغان، روس تعلقات مزید مستحکم ہوئے۔28فروری 1921ء کو ماسکو میں دونوں ممالک کے مابین دوستی کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ اور 11اگست 1921ء کو لویہ جرگہ نے روس، افغان معاہدے کی تصدیق کی۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات کی راہ میں ایک اہم موڑ ثابت ہوا جس نے آنے والے وقتوں میں سوویت افواج کے لیے افغانستان میں داخل ہونے کی راہ ہموار کی۔ 
	افغانستان کو جدید اور ترقی یافتہ ملک بنانے کی کوششوں میں امان اللہ خان کو پوری قوم کی حمایت حاصل نہیں تھی۔ حتیٰ کہ اُن کے محبوب افغان نوجوانان نے اُن کی بنیادی تبدیلیوں کے نظریئے کی حمایت کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے امیر کو دہریہ کہا۔ یہ الزامات امیر کے تخت اور بادشاہت کو خطرے میں ڈالنے کے لیے کافی تھے۔ اشیاء کی قیمتوں میں اضافے اور افغانی روپے کی قیمت میں کمی کی وجہ سے ملک کے معاشی حالات بد سے بد تر ہوتے گئے۔ اور کسانوں کی بغاوت نے ملک کے سیاسی حالات مزید ابتر کر دئیے۔ 15جنوری 1929ء کو باغیوں نے کابل پر قبضہ کیا اور بچہ سقہ کو حبیب اللہ خان غازی کے نام سے افغانستان کا امیر بنا دیا گیا۔ 
	امان اللہ خان کی بیدخلی کے ساتھ ہی 1923ء سے نافذ العمل افغانستان کا پہلا آئین ختم ہو گیا اور اس کے ساتھ ہی بادشاہت کا وہ سلسلہ بھی ختم ہو گیا جس کی بنیاد 1889ء میں اس کے دادا امیر عبدالرحمن خان نے رکھی تھی۔ نئے امیر حبیب اللہ خان غازی کی نا اہل حکومت محض 9ماہ کی ہنگامہ خیز مدت تک ہی چل سکی۔ 1929ء کی بہار تک برطانیہ کو پختہ یقین ہو گیا تھا کہ بچہ سقہ افغانستان میں برطانوی مفادات کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ اکتوبر 1929ء میں برطانوی نوآبادیاتی حکام کی مدد سے محمد نادر شاہ نے غازی کو تخت سے اُتار کر کابل پر قبضہ کر لیا۔ 

نادر خان اور شاہ ظاہر شاہ کا دور:
	15اکتوبر کے دن محمد نادر خان کو باضابطہ طور پر افغانستان کا امیر مقرر کیا گیا۔ اور بچہ سقہ کو یکم نومبر 1929 ء کو پھانسی دی گئی۔ نادر خان نے اپنی حکومت ایک آئین کے تحت بنائی۔ یہ آئین 1931ء میں نافذ العمل ہوا اس نئے آئین میں ایک منتخب قومی مشاورتی اسمبلی کی سفارش پیش کی گئی تھی۔ اسی آئین میں ایوان اُمراء (House of Elders)اور ایک آئینی بادشاہت کی تقرری کی سفارش کی گئی۔ تاہم نادر خان کو نومبر 1933ء میں قتل کر دیا گیا۔ اور وزیر اعظم محمد ہاشم خان نے 19سالہ نوجوان محمد ظاہر شاہ کی نئی حکومت کا اعلان کر دیا۔ بیسویں صدی کے تیسرے عشرے کے اواخر میں دوسری جنگ عظیم کے دوران جب بین الاقوامی حالات کشیدہ تھے تو ظاہر شاہ نے باقاعدہ طور پر غیر جانبداری کا اعلان کر دیا اور افغانستان نے جنگ عظیم دوم کے دوران جرمنی سے اپنے دوستانہ تعلقات برقرار رکھے۔ 
	جس طرح ذکر کیا گیا ہے کہ جب بیسویں صدی کے چوتھے عشرے کے اواخر میں برطانوی سامراجی طاقت کا برصغیر سے انخلاء ہوا تو وہ اپنے پیچھے طاقت کا خلاء چھوڑ گئے۔ امریکہ طاقت کا وہ خلاء پُر کرنے کے لیے اس خطے میں وارد ہوا۔ پاکستان اور ایران کے ساتھ اتحاد نے امریکہ کو اس خطے میں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مدد دی۔ ان مقاصد میں صنعتی ملکوں کو تیل کی ترسیل، بحیرہ ہند میں آبی راستوں /گزرگاہوں کو برقرار رکھنا اور روس کو قابو میں رکھنا شامل تھا، جب امریکہ نے اس خطے میں برطانیہ کی جگہ لی تو سرد جنگ کے تناظر میں دنیا کی دو بڑی طاقتوں کے درمیان ایک اور ’’گریٹ گیم‘‘ کا آغاز ہوا۔ 
	شاہِ افغانستان ظاہر شاہ نے تخت سنبھالتے ہی صدر بلدیہ (Mayor)اور پارلیمنٹ کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے دہی کی اجازت دی جس کے نتیجے میں ایک ایسی قومی اسمبلی قیام میں آئی کہ جس میں آزاد خیال جمہوریت پسند ارکان کی اکثریت تھی جو کہ آئینی بادشاہت کے حمایتی تھے۔ محمد داؤد خان ملک کے نئے وزیر اعظم بنے تاہم بادشاہ کی مرکزی حیثیت برقرار رہی۔ اس آئینی دور کے دوران 1965اور 1969ء بالترتیب دو دفعہ انتخابات منعقد ہوئے۔ قومی اسمبلی مذہبی روایت پسند، شہری اور جمہوریت پسند آزاد خیال نمائندگان کا ایک حسین امتزاج تھی۔ اس دور کے تیسرے انتخابات جو کہ 1973ء کے اگست اور ستمبر کے مہینے میں ہونے تھے، کبھی منعقد نہیں ہوئے۔ وزیر اعظم اپنے عہدے سے مستعفی ہوئے اور بڑی ہوشیاری سے حکومت مخالف  روسی حامی اشتراکی پسندوں کے دھڑے میں شامل ہو گئے۔ 
	آئینی دور کے دوران یکم جنوری 1965ء کو کابل میں افغانستان کی عوامی جمہوری پارٹی  (People's Democratic Party of Afghanistan) جو کہ بائیں بازو کے نظریات رکھنے والی ایک اشتراکی تنظیم تھی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں تنظیم نے مرکزی کمیٹی کا چناؤ کیا جو سات ممبران اور چار امیدواران پر مشتمل تھا۔ نور محمد ترکئی تنظیم کے جنرل سیکرٹری مقرر ہوئے۔ ببرک کارمل، خشتمند اور دیگر ممبران عوامی جمہوری پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ارکان منتخب ہوئے۔ 
	1971-72ء میں PDPAکی سر پرستی میں ہڑتالوں اور احتجاجوں کے ایک سلسلے نے ملک کے طول و عرض کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ 
	بڑے بڑے کارخانوں کے مزدوروں نے ہڑتال کیے جس میں کسانوں اور ہنر مندوں نے کثیر تعداد میں حصہ لیا۔ بڑھتی ہوئی سماجی بے چینی اور معاشی مسائل فوری اور موثر اصلاحات کے متقاضی تھے لیکن یہاں بھی روایتی حریف فوج نے کمزور بادشاہت پر شب خون مارنے کا منصوبہ بنایا۔ 

سردار محمد داؤد اور جمہوریۂ افغانستان:
	چونکہ ظاہر شاہ، شاہِ افغانستان، سیاسی انتشار کے بری طرح شکار ہو چکے تھے لہٰذا وہ اپنی سیاسی فہم کھو بیٹھے اور تذبذب کا شکار ہو گئے۔ دریں اثناء 17جولائی 1973ء کو سردار محمد داؤد بغیر خونی انقلاب کے حکومت پر قابض ہو گیا۔ ملوکیت کا خاتمہ کر کے افغانستان کو ایک جمہوریہ قرار دیا۔ اور افغانستان کا صدر بن گیا۔ 
٭٭٭


بابِ دوم

	’’جنگ قوموں کو پرکھنے کا آلہ ہے۔ جس طرح ہوا ممیوں (Mummies)کو گھن کی طرح چاٹ جاتی ہے ٹھیک اُسی طرح جنگ ان سماجی اداروں کے لیے موت کا تازیانہ ہے جو جمود کا شکار ہو جاتی ہیں۔‘‘ کارل مارکس 

نور محمد ترکئی کا دور:
	اگر چہ ظاہری طور پر افغانستان پر روسی حملہ اچانک فوجی کارروائی دکھائی دے رہا تھا لیکن حقیقت اس سے یکسر مختلف تھی۔ لیکن اس یورش کے بیج افغانستان پر روسی حملے سے بھی پہلے بوئے گئے تھے۔ 27اپریل 1978ء کے ’’ثور انقلاب‘‘ نے پہلے ہی سے افغانستان پر روسی حملے کے لیے راہ ہموار کر دی تھی جس میں سردار محمد داؤد اپنے خاندان کے تیس ارکان سمیت قتل کر دیئے گئے تھے۔ ’’ثور انقلاب‘‘ کے روحِ رواں کرنل قادر نے اس موقع پر ریڈیو افغانستان سے یہ اعلان کیا تھا کہ عسکری انقلابی کونسل عارضی طور پر حکومت کی باگ ڈور سنبھالے گی اور بعد ازاں فوجی وغیرہ فوجی نمائندوں کو حکومت سپرد کر دے گی جس کی سرپرستی نور محمد ترکئی کریں گے۔ 
	افغانستان کی عوامی جمہوری پارٹی (PDPA)ابتدا ہی سے ایک اشتراکی نظریات رکھنے والی روسی حامی جماعت تھی۔ اور اقتدار میں آنے کے بعد یہ جماعت مزید مضبوط اور موثر ہو گئی۔ پھر بھی سوویت یونین نے اس نئی افغان حکومت کو بادل نخواستہ قبول کیا کیوں کہ نئی حکومت کو مکمل عوامی حمایت حاصل نہیں تھی اور یہی نہیں نئی حکومت کے کچھ مذہبی نظریات افغان عوام کی عمومی مذہبی روایات سے متصادم تھے۔ مارچ 1977ء میں ترکئی کی نئی اشتراکی حکومت نے فوری اصلاحات کا آغاز کیا۔ حکومت نے خواتین کی تعلیم کو متعارف کیا جس کے نتیجے میں ہرات کے صوبے میں حکومت کے خلاف بغاوت کا آغاز ہوا۔ 
	ترکئی کی انقلابی حکومت عوام کی عمومی بے اطمینانی اور حکومت کے خلاف مسلح بغاوت کی وجہ سے ختم ہوئی۔ یہ مسلح بغاوت سب سے پہلے نورستان صوبے میں شروع ہوئی اور پھر ملک کے دیگر حصوں تک پھیل گئی۔ نورستان نے خودمختاری کا اعلان کر دیا جبکہ پکتیا، ننگرہار، کپیسہ، اُورزگان، پروان، بد غیز، بلخ، غزنی اور فرح میں مزاحمتی قوتیں حکومتی پالیسیوں کے خلاف کمربستہ ہو گئیں۔ ترکئی کی حکومت جلد ہی خاتمے کے دھانے پر پہنچ گئی۔ سوویت یونین کو افغانستان میں دوست حکومت کے گرنے کے خطرے سے پریشانی اور تشویش لاحق ہوئی۔ روزنامہ ٹیلی گراف نے اپنے اداریئے میں روس کی اس تشویش کے بارے میں لکھا۔
	’’ماسکو کی مشکل یہ ہے کہ نہ تو وہ افغانستان کو ہاتھ سے نکلنے کا خطرہ مول سکتی ہے اور نہ ہی روس میں بڑھتی ہوئی مسلم آبادی کے ساتھ براہ راست جنگ میں شامل ہو سکتی ہے جو کہ اس سے بھی بڑا خطرہ مول لینا ہے۔‘‘
	دریں اثنا، ترکئی نے 5 دسمبر 1978ء کو سوویت یونین کے ساتھ دوستی اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے ایک 20سالہ مدت کے معاہدے پر دستخط کئے۔ یہ معاہدہ سوویت یونین کے افغانستان کے متعلق قلیل المیعادی اور طویل المیعادی گھناؤنے منصوبوں کا پردہ فاش کرتا ہے۔ طاہر امین کی رائے میں۔ 
	’’روس نے جس عجلت میں افغانستان کے ساتھ اس معاہدے پر دستخط کئے تھے اس سے یہ حقیقت واضح ہوتی تھی کہ روس کو افغانستان کے اداراجاتی ڈھانچے ک خ٭ار دادان :                                                                                                                   ے بارے میں تشویش تھی کیوں کہ یہ افغانستان کو اپنے قلیل المیعاد اور طویل المیعاد مقاصد کے حصول اور اُس کو خود مختارانہ عسکری اقدامات اُٹھانے کا اہل بنا سکتی تھی۔‘‘

حفیظ اللہ امین کا دورِ حکومت:
	ترکئی حکومت کے اشتراکی نظریات کی ترویج کے منصوبے، اس کی یک جماعتی آمریت، عوام میں اس کی غیر ہر دل عزیزی اور حکومت کی غیر اسلامی پالیسیوں کے خلاف عوام کی بڑھتی ہوئی بغاوتوں نے حکومت کو کمزور کر دیا اور اس طرح روس پر اس حکومت کا انحصار مزید بڑھ گیا۔ 
	جب ترکئی اور حفیظ اللہ امین کا ایک دوسرے کے خلاف طاقت کے بے جا اور غلط استعمال کا معاملہ سامنے آیا تو دونوں میں حکومتی پالیسیوں پر اختلاف پیدا ہوا جس کے نتیجے میں خلق دھڑے میں دراڑ پڑ گئی۔ یہ دونوں ایک دوسرے کے خلاف سازشیں کرنے لگے۔ ترکئی کی حکومت میں حفیظ اللہ امین سیاسی میدان میں ایک مضبوط آدمی تھا اور فوج میں بھی ایک بہت با اثر شخصیت تھی۔ 1979ء میں ہوانا میں غیر جانبدار ممالک کانفرنس میں شرکت کرنے کے بعد ترکئی روسی رہنماؤں سے مشورہ کرنے سیدھا ماسکو گیا اور وہاں پر حفیظ اللہ امین سے جان چھڑانے کا فیصلہ کر لیا لیکن امین کو ترکئی کی کابل آمد سے پیشتر ہی اس سازش کی خبر ہو گئی۔ 16دسمبر 1979ء کو صدارتی محل میں گولیاں چلیں جس میں ترکئی اپنے ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا۔ ترکئی کے قتل کے فوراً بعد امین حکومت پر قابض ہو گیا۔ اگر چہ امین نے روس کے ساتھ اچھے تعلقات بر قرار رکھے تاہم ان کی خواہش تھی کہ افغانستان کی اندرونی و بیرونی پالیسی روسی مداخلت سے آزاد ہو۔ وہ حکومتی معاملات کو روسی طرز پر چلانے کا حامی نہیں تھا۔ اس کی پالیسی میں یہ بھی شامل تھا کہ افغانستان کو روسی اثر سے دور رکھے اور وہ اس مقصد میں اپنی حکومت کے پہلے چند ہفتوں تک کامیاب بھی رہا۔ ایک موقع پر جب اس سے ایک اخباری نمائندے نے روس، افغان تعلقات پر کچھ کہنے کے لیے کہا تو امین کا کہنا تھا: ’’روس، افغان تعلقات دو بھائیوں کے تعلقات جیسے ہیں۔ اور میں یہ بات بار بار کہتا ہوں کہ ہم اپنے حکومتی اُمور چلانے میں خودمختار ہیں ‘‘۔ تاہم امین نے یہ بات جلد محسوس کی کہ افغانستان روس کے زیر اثر ہے اور اس کے تعلقات محض سوویت یونین کے اشتراکی دھڑے سے ہیں۔ وہ بالکل نہیں چاہتے تھے کہ افغانستان ساری دنیا سے الگ رہے۔ اسی لیے امریکہ اور پاکستان کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے خواہش مند تھے۔ اس ضمن میں انہوں نے افغانستان میں امریکہ کے سفیر ایڈولف ڈبس (Adolph Dubs)کے ساتھ کئی ملاقاتیں کیں۔امین کا امریکی نمائندوں سے اس نوعیت کے رابطوں اور دوسری خود مختارانہ پالیسیوں نے روسی رہنماؤں کے دل میں گہری تشویش پیدا کر دی تھی۔ اسی لیے روس نے اب امین کو راستے سے ہٹانے کے لیے افغانستان میں فوجی بغاوت یا افغانستان کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا۔ دسمبر 1979ء کو ایک ہندوستانی صحافی کو انٹرویو دیتے ہوئے امین نے یہ بات تسلیم کی کہ انٹرویو سے چند دن قبل ان کی حکومت کا تختہ الٹنے کے ایک منصوبے کو بے نقاب کیا گیا تھا۔ 
	اگر ایک جانب امین حکومتی اُمور اور پالیسیوں میں روس سے آزادی کا خواہشمند تھا تو دوسری جانب ملک میں اس کی حکومت کے خلاف مزاحمت میں رو ز بروز اضافہ ہو رہا تھا جبکہ افغان فوجیوں کا دھڑا دھڑ مخالف گروہ کے ساتھ شمولیت مزاحمتی عناصر کو ختم کرنے والے حکومتی اداروں کی طاقت کو کمزور کر رہا تھا۔ 
	روزنامہ فنانشل ٹائمز کے نمائندے نے افغانستان پر روسی حملے سے قبل افغانستان کے متعلق لکھا تھا۔ 
	’’باغیوں نے صرف دیہات کا بڑا حصہ قبضے میں کر لیا ہے بلکہ دار الخلافے پر قبضے کی دھمکی بھی دے دی ہے۔ یہی نہیں بڑھتے ہوئے دہشت گرد حملے افغانستان کو لاقانونیت کی دلدل میں دھکیل رہے ہیں اور ملک کے ہر قسم کے معاشی احیاء کے امکانات کو مسدود کر رہے ہیں۔‘‘

مداخلت کی تیاری:
	’’روس، افغان تعلقات دو ہم مرتبہ اور خودمختار ریاستوں کے درمیان ایک نئی قسم کے تعلقات کی واضح مثال ہے۔‘‘ Tass Commentary(جنوری 1980ء)۔
	روس نے پہلا کام یہ کیا کہ ببرک کارمل کو امین کی جگہ لینے کے لیے تیار کیا جو روس کے خیال میں افغانستان کے اندر زور پکڑتی بغاوت کو روسی افواج کی مدد سے دبانے کے لیے بہترین متبادل تھا۔ 10دسمبر 1979ء کو بگرام کے مقام پر مواصلاتی رابطہ نظام قائم کیا گیا۔ ترمیز، کابل روڈ پر واقع جنگی اہمیت کے حامل سلانگ سرنگ جس پر کابل کی حفاظت کا انحصار تھا، پر قبضے کے لیے 105ویں ائیر بورن ڈویژن (105th Guard Airborne Division)کا ایک چھتا بردار دستہ بگرام سے روانہ ہوا۔ روسی جنگی مشیروں نے افغانستان کے 7ویں اور 8ویں میکنائزڈ ڈویژن 7th-8th Mechanised Division))کو اسلحے کی جانچ پڑتال اور ٹینکوں کی بیٹریاں ہٹا کر سردی کے لیے چارج کرنے کے بہانے افغان فوج کو غیر متحرک و غیر منظم کر دیا۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے افغان ائیر بیس کے چند افسران کو چھٹی پر جانے کے لیے اکسایا اور ان کے فرائض تازہ پہنچے ہوئے روسی افسران کے حوالے کر دیئے۔ 
	حفیظ اللہ امین نے خود اُن تمام واقعات میں ایک نمایاں کردار ادا کیا جو افغانستان پر روسی حملے کا باعث بنے۔ یہ کہا جاتا ہے کہ جب اٹھارہ سو جوانوں پر مشتمل صدارتی حفاظتی دستے کے کمانڈر جہانداد نے امین کے سامنے پیش ہو کر ہدایات لینا چاہی تو امین نے اُن سے حملہ آوروں کی شناخت پوچھی اور جب جہانداد نے کہا کہ حملہ آور شمال کے کامریڈ (روسی) ہیں تو وہ ہکا بکا رہ گئے۔ 
	اسے یقین نہیں ہو رہا تھا کہ اس کے اشتراکی ہم خیال (روسی اشتراکیت پسند) اس کی حکومت گرانے کی سازش کریں گے۔ یہ وہ لوگ تھے جن کے مفادات کے لیے اس نے کئی سالوں تک کام کیا تھا۔ روسی حملے کا حقیقی نشانہ صدر امین ہی تھا۔ بعض سرکاری دستاویزات بتاتی ہیں کہ وسط ستمبر میں امین کریملن کے عزائم بھانپ گیا تھا اور اسے اپنی جان کے لالے پڑ گئے تھے۔ اس افراتفری میں اس نے اس امید کے ساتھ پاکستان کے صدر ضیاء الحق سے ملاقات کی کوشش کی کہ وہ اس کی وساطت سے امریکی انتظامیہ سے رابطے اور امریکہ کے ساتھ تجدید تعلقات میں کامیاب ہو جائے گا اور اس طرح اس کے گرد تنگ ہوتا ہوا روسی حلقہ ڈھیلا پڑ جائے گا۔ اسے یقین تھا کہ اس کے مستقبل کا دارو مدار امریکہ کے تعاون پر تھا لیکن اب بہت دیر ہو چکی تھی اور اس کی تمام کوششیں بے ثمر ثابت ہو چکی تھیں کیوں کہ ضیاء الحق نے نا تو اس سے ملاقات کی اور نہ ہی وہ امریکی انتظامیہ سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہو سکا۔ لیکن اتنا ضرور ہوا کہ امریکہ سے رابطے کی کوششوں کے سبب روس کی نظروں میں اُس کی حیثیت مزید مشکوک ہو گئی۔ 
	24اور 27دسمبر 1979 ء کے مابین روس نے افغانستان پر حملہ کر دیا۔ روس نے پہلے ہی سے افغانستان کے ہوائی اڈوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ محل پر حملے سے قبل ہی امین کو روسی خواتین خدمتگاروں نے اپنی دلفریب اداؤں کے جال میں پھنسا دیا تھا۔ رابطے کے تمام ذرائع کاٹ دیئے گئے تھے اور امین کو اس سارے ڈرامے کی بھنک بھی نہیں پڑنے دی گئی تھی۔ 25دسمبر کو روسی افواج نے امین کو دارالامان محل میں بڑی بے دردی سے قتل کر دیا۔ امین کو قتل کرنے کے بعد جب اس کی لاش روس کے نئے مقبوضہ ملک کے رہنماؤں کے سامنے لائی گئی تو بعض کے چہرے خوشی سے چمک اٹھے اور کچھ کے چہرے وحشت سے زرد پڑ گئے۔ 

ببرک کارمل(پرچمی دور) :
	’’علاقائی جنگ کی ایک خاصیت ہے کہ اس کا دائرہ اثر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کئی گناہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی لیے یہ ضروری ہے کہ ہر علاقائی جنگ کو سنجیدگی سے لیا جائے۔‘‘ (وروشیلووف جنرل (Voroshilov General Staff Academy)سٹاف اکیڈمی کے نصاب سے ماخوذ ) 
	امین کی موت کے اور روس کا افغانستان پر فوجی قبضے کے ساتھ ’’ثور انقلاب‘‘ کے خلق دھڑے کا دور اپنے اختتام کو پہنچا۔ ’’ثور انقلاب‘‘ پرچمی دور کریملن کے مجموعی سرپرستی، رہنمائی اور نگرانی میں شروع ہوا۔ PDPA کے پرچمی دھڑے کے رہنما ببرک کارمل کو افغانستان کا صدر اور پارٹی کا جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا۔ جب روس نے ببرک کارمل کو افغانستان کے تخت پر بٹھادیا تو افغانستان اشتراکی بلاک میں شامل ہو گیا اور اس کے ساتھ ہی افغانستان کی غیر جانبدار حیثیت قطعی طور پر ختم ہو گئی۔ 1978ء میں افغان اشتراکیت پسندوں کی فوجی بغاوت کے پیچھے ماسکو کی اشیرواد اور روس، افغان دوستی معاہدے پر دستخط دسمبر 1979ء میں افغانستان پر روسی حملے اور قبضے کی طرف پہلے اقدامات تھے۔ 27اکتوبر کو ببرک کارمل نے قوم سے پہلا خطاب ریڈیو کابل کے ذریعے کیا اور ایک ہفتے بعد افغان ٹیلی وژن پر حکومت کی نئی پالیسیوں کا اعلان کیا۔ اعلان کے دوران ٹیلی وژن کے شیشے پر ’’امن، آزادی، خودمختاری، جمہوریت، ترقی اور سماجی انصاف کی طرف پہلا قدم‘‘ کے الفاظ بار بار چلائے جا رہے تھے لیکن ان تمام کھوکھلے نعروں کے جادو منتر کے ذریعے وہ افغان عوام کا ذہن تبدیل نہیں کر سکتے تھے۔ بہر صورت، کارمل اور روس کی افواج کو مجاہدین کی مزاحمت کا سامنا کرنا ہی تھا۔ ملک کے تقریباً ہر صوبے میں افغانستان پر روسی قبضے اور کارمل حکومت کی غیر اسلامی پالیسیوں کے خلاف عام مزاحمت جڑیں پکڑ رہی تھی۔ 
	پاکستان کے شمال مغربی سرحدی صوبے (خیبر پختون خوا) کے قبائلیوں نے کارمل حکومت کی کھلے عام مخالفت کی اور سرحد پار لڑنے والے مجاہدین بھائیوں کو ہر قسم کی امداد فراہم کی اور ان کو اپنے علاقوں میں پناہ دی۔ ان قبائل جن میں مہمند، آفریدی، وزیر، شینواری اور یوسفزئی شامل تھے کے سرداروں اور عمائدین نے ایک بڑے جرگے میں افغان مجاہدین کی کارروائیوں میں تعاون اور ان کے ساتھ مکمل وفاداری کا اعلان کیا۔ ان سرداروں نے روس کے خلاف جہاد کا اعلان کیا اور قبائلیوں کو کابل پر براہِ راست چڑھائی کا حکم جاری کر دیا۔ روسی حملے کے نتیجے میں افغان مہاجرین کے سیلاب نے پاکستان اور ایران کا رُخ کیا۔ مجاہدین رہنماؤں نے پاکستان کے سرحدی شہر پشاور میں اپنے دفاتر قائم کئے جہاں سے وہ افغانستان میں لڑنے والے مجاہدین کے لیے اسلحہ مہیا کرنے لگے۔ اس کے علاوہ مجاہدین کے اسلحہ حاصل کرنے کا اہم ذریعہ شکست خوردہ یا بھگوڑا ہو کر مجاہدین کے ساتھ شامل ہونے والے افغانی فوجی تھے۔ جبکہ دوسرا چھوٹا موٹا اسلحہ پاکستان کے پشتون قبائلی علاقوں سے آتا جس سے شمال مغربی سرحدی صوبے (خیبر پختون خوا) کی انتظامیہ کے لیے مسائل اور حکومت پاکستان کے لیے جنگی حالات پیدا ہو گئے تھے کیوں کہ پاکستانی سرحد کے اس پار روسی فوج نے اپنے مورچے قائم کر لیے تھے۔ اور جب اس جنگ کی نوعیت سنگین تر ہوتی گئی تو رفتہ رفتہ افغانستان کا مسئلہ بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنا۔ امریکہ، پاکستان، چین، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ریاستیں اس بات پر متفق تھیں کہ افغانستان پر روسی حملے نے خطے میں طاقت کے توازن پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں۔ افغانستان پر روسی حملے نے نا صرف مقامی بلکہ علاقائی اور عالمی حالات کو متاثر کیا ہے اور اس سے روایتی بفر سٹیٹ (Buffer State)کا خاتمہ ہی نہیں ہوا بلکہ عالمی طاقتوں کے مابین تعلقات کو بھی خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔ افغانستان میں روسی افواج کی موجودگی اس امکان کو تقویت پہنچاتی ہے کہ روس اردگرد کے علاقوں خاص کر خلیج فارس اور بحیرہ ہند کے علاقوں کو دباؤ میں رکھنا چاہتا ہے۔ یورپی رہنما خلیج فارس کے خطے میں روسی سرگرمیوں سے خوف زدہ تھے۔ ان کو خدشہ تھا کہ اگر روس تیل کے ترسیل کے راستوں پر قبضہ کر لے تو یہ بات مغربی معیشت کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتی تھی۔ اس خطے میں روسی موجودگی کے خطرے نے امریکہ، پاکستان، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ریاستوں کو اشتراکیت کے شتر بے مہار کو قابو کرنے اور سوویت یونین کی پڑوسی ریاستوں پر قابض ہونے کے جنون کو ختم کرنے کے لیے مجاہدین کو امداد دینے پر مجبور کر دیا۔ سوویت فوجی مداخلت نے افغانستان کو پلک جھپکتے ہی روس، امریکہ دشمنی کی بھینٹ چڑھا دیا۔ اور یہ ملک سرد جنگ کے اختتام سے لیکر آج تک اہم فساد کی جڑ رہا ہے۔ 
	امریکہ نے پاکستان کو سوویت یونین کو افغانستان تک محدود رکھنے کیلئے اگلی صف کی ریاست (Frontline State) بنا دیا۔ جیسا کہ نیو یارک ٹائمز کے عسکری خبرکار مڈلٹن (Middleton)نے ایک جگہ لکھا۔
	’’پاکستان اور افغانستان کی مشترکہ سرحد سنگ لاخ پہاڑی علاقوں پر مشتمل ہے جو جنگی اسلحے کی منتقلی کو کٹھن بناتا ہے۔ امریکہ کی عسکری پالیسی کا معقول مقصد یہی ہونا چاہئے کہ وہ پاکستان کو جدید لڑاکا طیارے، ٹینک، ٹینک شکن اور طیارہ شکن میزائل اور بکتر بند گاڑیاں مہیا کرے۔‘‘
	افغان جنگ میں فتح کس کی ہوئی؟ یہ سوال تا حال جواب سے محروم ہے۔ لیکن اس نا معقول جنگ کی جو قیمت ادا کی گئی وہ بہت ہی بھیانک تھی۔ کتنے ہی معصوم لوگوں کی جانیں ضائع ہوئیں ؟ دونوں افواج کے کتنے سپاہی مارے گئے؟۔ کتنے مجاہدین مارے گئے؟ اس کا اندازہ کرنا ناممکن ہے۔ افغانستان میں روسی فوجی مداخلت نے افغانستان کے عوام کو ما سوائے بمباری، موت خانہ جنگیوں اور تکالیف کے اور کچھ نہیں دیا۔ روس نے افغانستان پر حملہ کیوں کیا؟ وہ اپنے اس گھناؤنے حرکت کا دفاع 1978ء کے معاہدے کا حوالہ دے کر کرتا ہے۔ اس معاہدے میں درج ہے کہ دوستی اور اچھی ہمسائیگی کی روایت کے جذبے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اس معاہدے کے دونوں فریقین باہمی مشاورت کریں گے اور باہمی رضا مندی سے دونوں فریقین اپنے دفاع، خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کریں گے۔ معاہدے کے دونوں فریقین کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے وہ عسکری میدان میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو جاری رکھیں گے۔ ‘‘
	روسی رہنماؤں نے 1979ء میں اپنے پچاسی ہزار سے لیکر ایک لاکھ دس ہزار فوجی افغانستان بھیجنے کی توجیہہ معاہدے کے روسے عائد شدہ ذمہ داری اور اقوامی متحدہ کے چارٹر کے  شق (Article 51)کا حوالہ دے کر پیش کی۔ صدر امین تب سے روس سے فوجی امداد کی اپیل کر رہے تھے جب 1979ء کے موسم سرما میں سارے ملک میں بغاوت پھیلنا شروع ہوئی تھی۔ 
	خواہ روس کے کرتا دھرتا افغانستان پر حملے کی توجیہہ پیش کرتے ہوں یا نہیں لیکن ایک بات واضح ہے کہ انہوں نے مشرقی ایشیاء کے ایک خوبصورت ملک کو نیست و نابود کر کے رکھ دیا ہے۔ افغانستان کے کچھ علاقے جو جنگ سے قبل زرخیز دیہات ہوا کرتے تھے اتنے تباہ حال ہو چکے ہیں کہ جب ایک انگریز صحافی نے جنگ کے بعد افغانستان جا کر دیکھا تو اس کے منہ سے بے ساختہ یہ جملہ نکلا:۔ ’’ایسے لگتا ہے کہ جیسے باغ عدن پر کسی نے ایٹم بم گرا دیا ہو۔‘‘
٭٭٭


بابِ سوم

جنیوا مذاکرات سے جنیوا معاہدات تک:
	’’افغانستان کے مسئلے کے کسی بھی مجوزہ سیاسی حل میں افغانستان سے روسی افواج کا انخلاء، افغانستان کی غیر جانبدار اور خودمختار حیثیت کی بحالی اور پناہ گزینوں کی واپسی کے علاوہ افغان عوام کی حق خود اختیاری بھی شامل ہو۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ یہ معاہدہ کیسے کیا جائے لیکن ہم یہ مطالبہ ضرور کرتے ہیں کہ افغان عوام کی اس خواہش کو ضرور ملحوظ نظر رکھا جائے کہ وہ کس طرز حکومت کے خواہش مند ہیں۔‘‘ (ہیرالڈ شیفر، امریکہ کے سابق اسسٹنٹ سیکرٹری برائے جنوبی ایشیاء) 
	دسمبر 1979ء میں افغانستان پر روسی حملے نے خطے کے امن اور سیاسی توازن، عالمی سلامتی اور عالمی طاقتوں کے درمیان باہمی تعلقات کا مکمل شیرازہ ہی بکھیر کے رکھ دیا۔ افغانستان پر روسی حملے کے فوراً بعد، امریکی صدر کارٹر (Carter)نے ایک اعلان میں کہا تھا کہ ’’خلیج فارس کے خطے پر قبضے کی غرض سے کسی بھی بیرونی طاقت کا حملہ خطے میں امریکہ کے مفادات پر براہِ راست حملہ تصور کیا جائے گا اور اس کا جواب کسی بھی قیمت پر دیا جائے گا۔ اس میں فوجی طاقت کے استعمال سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔‘‘
	افغانستان پر روسی حملے کے چند ہفتے بعد یعنی 14جنوری 1980ء کو اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی نے ایک ہنگامی اجلاس میں افغانستان سے روسی افواج کے غیر مشروط اخراج کا مطالبہ کر دیا۔ اس ضمن میں اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی نے بھاری اکثریت سے ایک قرار داد پاس کی جس کے حق میں 104ووٹ، مخالفت میں 18ووٹ آئے جبکہ 10ووٹ نہیں ڈالے گئے تھے۔ جس میں افغانستان میں مسلح مداخلت کو اقوامِ متحدہ کے بنیادی اصولوں کی منافی قرار دیا گیا اور سخت الفاظ میں اس کی مذمت کی اور افغانستان سے بیرونی غاصب افواج کے فوری اور غیر مشروط انخلاء کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ میں روس کے نمائندے ٹرویانو سکی نے (Troyanasky) اپنا تمام بیان دسمبر 1978ء کے روس افغانستان معاہدے اور اقوامِ متحدہ چارٹر کے آرٹیکل شق 51کا حوالے دیتے دیتے ختم کیا اور یہ بات دہراتے رہے کہ افغانستان میں روسی افواج کو اترنے کی دعوت خود افغانستان نے دی تھی۔ اس معاہدے کی شق آرٹیکل 4میں درج ہے کہ:
	’’دوستی اور اچھی ہمسائیگی کی روایت کے جذبے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اس معاہدے کی پابندی دونوں فریقین باہمی مشاورت سے کریں گے اور باہمی رضا مندی سے دونوں فریقین اپنے دفاع، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کریں گے۔ معاہدے کے دونوں فریقین کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے وہ عسکری میدان میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔‘‘
	امریکہ اور افغانستان کے پڑوسی ممالک خصوصاً پاکستان سے عدم مداخلت کی ضمانت بعد ازاں 14مئی 1980ء کو کابل کی پیش کردہ مفصل تجاویز کا مرکزی نقطہ بنا جس نے مستقبل میں افغان مسئلے پر کسی بھی نوعیت کے مذاکرات کو شکل دینے کے پیمانے کا کام کیا۔ ان تجاویز میں خطے کے دیرینہ تنازعے کے لیے ایک ’’سیاسی حل‘‘ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ 1980ء کے پانچ ہزار سے زائد روسی ہلاکتوں سے افغانوں کی واضح اور غیر متوقع مزاحمت اور دیہی علاقوں کو قابو میں کرنے کی کابل حکومت کی ناکامی نے روسی لیڈر شپ کا ذہن بدل دیا جس کا اظہار سوویت یونین کے اُس وقت کے صدر برژنیف (Breznev) نے فروری 1980ء میں ان الفاظ میں کیا۔ 
	’’جیسے ہی افغانستان کی حکومت اور عوام کے خلاف بیرونی مداخلت مکمل طور پر ختم ہو جاتی ہے تو سوویت یونین افغانستان سے اپنی افواج کے انخلاء کا آغاز کر دے گا۔ اگر امریکہ سمیت افغانستان کی پڑوسی ریاستیں اس بات کی ضمانت دینے کے لیے تیار ہو جاتی ہیں تو افغانستان کو روسی فوجی امداد بند کر دی جائے گی۔‘‘ 
	اگر ہم یہاں پر اسلامی کانفرنس تنظیم کی مسئلہ افغانستان کے سیاسی حل کے لیے سنجیدہ کوششوں اور سفارتی سرگرمیوں اور یورپی برادری کا فریقین پر مذاکرات کے لیے دباؤ کا ذکر نہیں کرتے تو یہ نا انصافی ہو گی۔ OICکے خصوصی ہنگامی اجلاس منعقد ہونے کے بعد مسئلہ افغانستان سے متعلق سفارتی سرگرمیوں کا مرکز اقوامِ متحدہ سے اسلامی کانفرنس تنظیم منتقل ہو گیا۔ 

مسئلہ افغانستان میں اسلامی کانفرنس تنظیم کا کردار:
	مسلم ممالک کے وزراء خارجہ کا پہلا تاریخ ساز اجلاس اسلام آباد پاکستان میں 28 جنوری 1980ء کو منعقد ہوا۔ جس کا مقصد افغانستان میں روسی مداخلت پر بحث کرنا اور اس بربریت کے خلاف عالمی رائے عامہ کو باخبر اور متحرک کرنا تھا۔ اس اجلاس کے بعد 19مئی 1980ء کو پاکستان نے OICکا گیارہواں اجلاس منعقد کیا جس کے دوران ایک چار نکاتی قرار داد پاس کی گئی۔
وہ چار نکات یہ تھے:
1۔	افغانستان سے روسی افواج کا فوری انخلاء۔ 
2۔	افغان عوام کی پسند کی حکومت کے انتخاب کے حق اور اپنے سماجی، معاشی اور سیاسی نظام کے انتخاب کے حق کو تسلیم کرنا۔ 
3۔	افغانستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور غیر جانبدارانہ حیثیت کا احترام۔
4۔	اور ان مندرجہ بالا نکات کو عملی جامہ پہنانا۔ حقیقی شکل دینے کے لیے ساز گار حالات پیدا کرنا۔ 
	اقوامِ متحدہ میں مختلف خطوں مثلاً مشرقِ وسطیٰ، مغربی اور تیسری دنیا کے تقریباً 52 ارکان ممالک نے پاکستان کے ساتھ مل کر اقوامِ متحدہ کے سیکورٹی کونسل سے مسئلہ افغانستان حل کرنے کے لیے اجلاس بلانے کی درخواست کی۔ 

مسئلہ افغانستان میں یورپی برادری کا کردار:
	روس اور افغانستان کے مابین گھمبیر ہوتے ہوئے حالات کے پیش نظر مغربی یورپی ممالک نے دونوں ممالک پر مذاکرات شروع کرنے کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کیا۔ 19فروری 1980ء کو یورپی برادری (European Community) ECکے وزراء خارجہ نے روم میں ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے ایک قرار داد منظور کی۔ اٹلی کے وزیر خارجہ رفینی (Ruffini)نے اجلاس کے بعد قرار داد کا متن پیش کیا۔ 
1۔	اس اجلاس میں شریک ممالک نے افغانستان میں روسی مداخلت کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات پر اپنی گفت و شنید مرکوز رکھی۔ 
2۔	شرکاء نے افغانستان کے موجودہ حالات اور مستقبل میں اس کے اثرات پر اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ 
3۔	انہوں نے افغانستان سے روسی افواج کے انخلاء پر زور دیا اور یہ عہد کیا کہ وہ افغانستان میں امن لانے کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ 
4۔	انہوں نے اس عہد کا بھی اظہار کیا کہ افغانستان میں اقوام متحدہ کے 14اگست 1980ء کی جنرل اسمبلی کی قرار داد کے عین مطابق امن کی بحالی کے لیے ہر ممکن ذرائع اور طریقہ کار بروئے کار لائے جائیں گے۔ اس قرار داد میں تمام ریاستوں سے یہ اپیل کی گئی تھی کہ وہ افغانستان کی آزادی، علاقائی سالمیت، سیاسی خودمختاری اور اس کی غیر جانبدار حیثیت کا احترام کریں اور اس کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی سے گریز کریں۔ 
5۔	انہوں نے یہ یقین دہانی کرائی کہ ایک اچھی منصوبہ بندی سے افغانستان کے موجودہ بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے جو کہ عالمی طاقتوں کے چنگل سے آزاد اور غیر جانبدار افغانستان کو پنپنے کا موقع مہیا کر سکتا ہے۔ 
6۔	اسی طرح انہوں نے تمام اتحادی ممالک اور ان ممالک جو خطے میں طاقت کے توازن میں دلچسپی رکھتے تھے، کے ساتھ مل کر افغانستان میں امن لانے پر زور دیا۔ یہی نہیں بلکہ 1982ء میں جنیوا مذاکرات کے آغاز سے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی OICاور ECکے اجلاسوں نے افغانستان سے متعلق سفارتی سرگرمیوں کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم مہیا کیا۔ 

ثالثی سفارتکاری:
	جب 11فروری 1981ء کو والد ہم (Waldheim)اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکرٹری مقرر ہوئے تو انہوں نے ایک سینئر سفارتکار جاویر پیریز ڈی کیولر (Javier Perez de Cuellar))کو روس اور افغانستان کے مابین امن مذاکرات کے فروغ کی غرض سے افغانستان کیلئے اپنا ذاتی نمائندہ مقرر کیا۔ 
	اپریل 1981ء میں پیریز ڈی کیولر نے افغانستان اور پاکستان کا دورہ کیا۔ افغانستان دو فریقی مذاکرات کا حامی تھا جبکہ پاکستان اقوامِ متحدہ، اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل یا ان کے ذاتی نمائندے کے زیرِ نگرانی سہہ فریقی مذاکرات کا خواہشمند تھا۔ پیریز ڈی کیولر کا پہلا دورہ متعلقہ ممالک سے پہلا رابطہ تھا جس کے دوران دونوں ممالک نے اقوام متحدہ کا مزید مذاکرات میں مدد کی پیش کش قبول کی۔ اگست 1981ء کے اوائل میں ان کا خطے کے دوسرے دورے کا مقصد متعلقہ ممالک کو اس خبر سے آگاہ کرنا تھا کہ حالیہ بحران کو حل کرنے کے لیے دونوں مستقبل قریب میں ہونے والے مذاکرات کے مقاصد پر رضا مند ہو گئے ہیں۔ 
	ستمبر1981ء میں پاکستان نے(Democratic Republic of Afghanistan) کے ساتھ براہ راست مذاکرات کو مسترد کر دیا جبکہ DRA براہِ راست مذاکرات پر مصر رہا۔ DRAنے اس اَمر کی طرف اشارہ کیا کہ افغانستان سے روسی انخلاء کا تنازعہ ماسکو اور کابل کے درمیان ہے اس لیے وہ کابل اور اسلام آباد کے درمیان مذاکرات کا حصہ نہیں بن سکتا۔ 

اقوامِ متحدہ میں طریقۂ  کار کی تبدیلی:
	1981ء کے اختتام پر پیریز ڈی کیولر اقوامِ متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔ انہوں نے انڈر سیکرٹری جنرل ڈیگو کارڈوویز (Diago Cordovez)کو افغانستان کے لیے اپنا ذاتی نمائندہ مقرر کیا۔ اپریل 1982ء میں ڈیگو کارڈویز خطے کے اپنے پہلے دورے کے دوران پہلے اسلام آباد (پاکستان) گئے جہاں انہوں نے جنیوا میں بلواسطہ مذاکرات منعقد کرانے کی تجویز پیش کی۔ متعلقہ ممالک کے درمیان مذاکرات کے لیے ان کا منشور روسی فوج کا افغانستان سے انخلاء، عدم مداخلت اور بین الاقوامی مداخلت کے خلاف ضمانت پر مشتمل تھا۔ اس کے بعد وہ کابل گئے اور وہاں سے واپس اسلام آباد لوٹ آئے۔ انہوں نے پاکستان کو افغانستان کا ان کے ایجنڈے سے رضامندی ظاہر کرنے کا پیغام پہنچایا۔ اس طرح دونوں ممالک جنیوا میں ثالثی مذاکرات پر رضامند ہوئے۔ مسئلہ افغانستان کو جنیوا کی میز تک لانے میں ڈیگو کارڈویز کے بطور ثالث، ثالثی سفارت کاری، ذاتی کوشش اور دلچسپی وہ گراں قدر خدمات تھیں جس نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو جنیوا مذاکراتی عمل شروع کروانے میں ایک کلیدی کردار ادا کرنے کے قابل بنایا۔ اس طرح جنیوا کے ثالثی مذاکرات کا آغاز ہوا۔

جنیوا مذاکرات کا پہلا دور 16تا 24 جون 1982ء
	اقوامِ متحدہ کے نمائندے کے ذریعے پاک افغان مذاکرات کا پہلا دور جون 1982ء میں جنیوا میں شروع ہوا۔ ڈیگو کارڈوویز نے واضح کیا کہ مذاکرات کا مقصد اور حاصل اقوامِ متحدہ کے قوانین کے عین مطابق روس و افغانستان کے تعلقات معمول پر لانا اور ایک مفصل معاہدہ وضع کرنا ہے جو خطے کی ریاستوں کے درمیان اچھی ہمسائیگی کے تعلقات اور تعاون کے فروغ اور خطے میں عالمی امن و امان کو مضبوط بنانے پر مشتمل ہے۔ ان مذاکرات کے پہلے دور میں ڈیاگو کور ڈوویز اقوامِ متحدہ کے کردار کے حق میں صدر ریگن (Reagan)کا تعاون حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ مذاکرات کے پہلے دور کے بعد صدر ریگن نے افغانستان کے باغی عناصر کے لیے مالی اور عسکری تعاون دگنا کر دیا اور پاکستان کو افغانستان کے مسئلے میں حد سے زیادہ مداخلت دینے پر تنبیہ دی۔ جنیوا مذاکرات کے پہلے دور کی واحد کامیابی ماسوائے مذاکرات کا آغاز کرنے کی اور کوئی نہیں تھی۔ اور یہ کے مذاکرات کا ایک طریقہ کار وضع کر دیا گیا تھا۔ 

جنیوا مذاکرات کا دوسرا دور: اپریل تا جون 1983ء
	جنیوا مذاکرات کا دوسرا دور دو اجلاسوں پر مشتمل تھا۔ جن کا انتظام اپریل اور جون 1983ء میں یکے بعد دیگرے کیا گیا۔ 8 اپریل کو مذاکرات کے دوسرے دور کے دوران اس وقت کامیابی کی امید پیدا ہو گئی جب روس اس شرط پر افغانستان سے اپنی فوج نکالنے پر تیار ہو گیا کہ پاکستان مزاحمتی عناصر کو اسلحہ کی ترسیل بند کر  دے۔ اپریل میں مذاکرات کا یہ دور ایک امید کی کرن لیے ملتوی کر دیا گیا تاکہ مذاکراتی وفود اپنی حکومتوں سے مشورہ کر سکے۔ لیکن جب جون 1983ء میں دوبارہ مذاکرات کا آغاز ہوا۔ تو پاکستان اور افغانستان کے وفود کا رویہ غیر لچکدار تھا جس سے ساری توقعات اور امیدیں خاک میں مل گئیں اور اس طرح افغانستان سے روسی انخلاء کا بنیادی مسئلہ اور افغان مہاجرین کی واپسی کا مسئلہ جوں کا توں رہ گیا۔ 

جنیوا مذاکرات کا تیسرا دور 24اگست تا 30اگست 1984ء
	مذاکرات کا تیسرا دور 24اگست 1984ء کو شروع ہوا اور چھ دن بعد یعنی 30اگست 1984ء کو بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہو گیا۔ دریں اثناء جنگ میں شدت آ گئی اور افغان مہاجرین جان بچا کر پاکستان اور ایران میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔ 1984ء کے وسط تک پاکستان میں پچاس لاکھ اور ایران میں تیس لاکھ افغان مہاجرین پناہ گزین ہو چکے تھے۔ 
	روسی وزیر اعظم چرننکوف (Chernenkov)کے مرنے کے بعد میخائل گورباچوف (Mikhail Gorbacev) اقتدار میں آئے جس کے ساتھ ہی دنیا یہ توقع کرنے لگی کہ نیا رہنما روس کی مُردہ پالیسیوں میں نئی جان ڈال دیں گے۔ ان کے اسلحے پر قابو، سیاسی، معاشی پالیسیوں جیسے کہ گلاسٹ نوسٹ (Glasnost)(سابقہ سوویت یونین کے دور کی آزادانہ مشاورتی حکومت اور معلومات کی وسیع ترویج) اور ’’پرِسٹرواکا‘‘ (Pereslroika)(سابقہ سوویت یونین کی معاشی اور سیاسی نظام کی تعمیر نو اور اصلاح) کے لیے ٹھوس اقدامات نے مغرب پر ایک مثبت اثر چھوڑا۔ نتیجتاً یورپی برادری کے وزراء خارجہ نے اپنی سابقہ درخواست کی تجدید کی کہ روس افغانستان سے اپنے فوجی واپس بلوا کر اس مسئلہ کو حل کر دے۔ 

جنیوا مذاکرات کا چوتھا دور 20تا 25جون 1985ء
	کارڈوویز نے اقوامِ متحدہ کی سرپرستی میں شروع ہونے والے سفارتی عمل کے سلسلے کو دوبارہ جوڑا جو کہ 25مئی تا 31مئی 1985ء جاری رہا۔ اس دوران انہوں نے خطے کے متعدد دورے کئے۔ کارڈوویز نے دونوں فریقین کے مابین تنازعے کے خاتمے کے لیے چار علیحدہ طریقیقہ                                                                                                                              کار پیش کئے۔ دونوں فریقین طریقۂ  کار میں تبدیلی چاہتے تھے اس لئے کارڈوویز نے معمولی رد و بدل کے بعد اس امید کے ساتھ پیش کئے کہ دونوں فریقین اس پر رضامند ہو جائیں گے۔ یہ چار طریقۂ  کار جنیوا مذاکرات کا ایک اہم حصہ بن گئے۔ وہ چار طریقۂ  کار یہ تھے۔ 
1۔	باہمی تعلقات کے اصول خصوصاً غیر مداخلتی اصول کی بنیاد پر پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ معاہدہ۔ 
2۔	روس اور امریکہ کی جانب سے افغانستان کے متعلق بین الاقوامی ضمانت پر قرار دادیں پاس کرنا۔ 
3۔	مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی پر افغانستان اور پاکستان کے مابین ایک دو طرفہ معاہدہ۔ 
4۔	ایک ایسا طریقہ کار وضع کرنا جس کے ذریعے درجہ بالا طریقۂ  کار کے مابین تعلق قائم کیا جا سکے اور افغان معاہدے کے مطابق بیرونی افواج کے انخلاء کے مسئلے کو حل کیا جا سکے۔ 

جنیوا مذاکرات کا پانچواں اور چھٹا دور 

27اگست تا 30اگست 1985ء:
	جنیوا مذاکرات کا پانچواں دور 27 اگست کو شروع ہو کر 30اگست 1985ء کو اختتام پذیر ہوا جبکہ چھٹا دور 17دسمبر کو شروع ہوکر 19دسمبر 1985ء کو اپنے اختتام کو پہنچا۔ جنیوا مذاکرات کے ان ادوار کے اہم ترین موضوع براہِ راست مذاکرات، عملیات اور مسائل کے ادراکیات، طریقہ کار سے متعلق مسئلے رہے جو کہ چوتھے پر بحث شروع کرنے کی طرف پہلا قدم تھا۔ اس بحث کا زیادہ تر وقت افغانستان سے روسی انخلاء کو درپیش مزاحمت اور پاکستان کا روس کو انخلاء کا ٹائم فریم دینے کے زور دینے پر صرف ہوا۔ 1986ء کا سال اپنے ساتھ روس کے لیے افغانستان میں بڑھتی ہوئی مشکلات کا پیغام لایا۔ اسی سال روس نے افغانستان کے مسئلے کا سیاسی حل پیش کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔ مذاکرات کا پہلا اشارہ گوربا چوف کے فروری 1986ء میں 27ویں روسی اشتراکی انجمن کے اجلاس کے دوران ان کے تاریخی بیان میں دیا گیا جس میں انہوں نے مستقبل قریب میں افغانستان سے روسی افواج بلوانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات کی جانب بھی اشارہ کیا کہ وہ مسئلہ افغانستان کے سیاسی حل کے فوراً بعد روسی افواج کے مرحلہ وار انخلاء کے حق میں ہیں۔ اس سے نہ صرف جنگ بندی ہو جائے گی بلکہ مداخلت کا تدارک بھی ہو سکے گا۔ انہوں نے اپنے بیان کے دوران افغانستان کو ’’خون رستا ہوا گاؤ‘‘ کہا۔ 
	4مئی 1985ء کو یعنی جنیوا مذاکرات کے ساتویں دور سے ایک روز بیشتر کابل نے کارمل کے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے اور اس کی جگہ افغان خفیہ پولیس کے لفٹننٹ جنرل محمد نجیب اللہ کے لینے کا اعلان کیا۔ 
	جنیوا مذاکرات کے ساتویں دور کا پہلا مرحلہ 19مئی کو شروع ہوکر 23مئی 1986ء کو اختتام پذیر ہوا۔ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کا آغاز 30جولائی کو ہوا لیکن اسے ناکامی سے دوچار ہونا پڑا کیوں کہ روس افغانستان سے اپنے فوجی بلوانے کے ٹائم فریم وضع کرنے کے مسئلے کے حل میں ناکام ہو چکا تھا۔ 
	جنیوا مذاکرات کو ایک کامیاب موڑ دینے کی غرض سے گوربا چوف نے افغانستان سے روسی انخلاء کا ٹائم فریم مقرر کرتے ہوئے عالمی تشویش کو زائل کر دیا۔ اس سلسلے میں 8فروری 1988ء کو گورباچوف نے افغانستان سے روسی افواج کا انخلاء 5مئی کو شروع کروانے اور 10ماہ میں مکمل کروانے کا اعلان کر دیا۔ لیکن اس شرط کے ساتھ کہ کار ڈوویز کے ثالثی کردار کو بڑھاوا دیا جائے۔ گوربا چوف کے اس اعلان کے ساتھ ایک نئی شروعات کا آغاز ہوا جس سے گورڈوویز کو اس خطے میں پیش قدمی کا موقعہ ہاتھ آ گیا جس کا وہ بے چینی سے منتظر تھا۔ اور اس طرح جنیوا مذاکرات پر دستخط کروانے کے لیے حالات ساز گار بنا دیئے گئے۔ 14اپریل 1988ء کو پاکستان، افغانستان، امریکہ اور (سابق) سوویت یونین کے وزارء خارجہ جنیوا معاہدے پر دستخط کرنے پیلس ڈی نیشنز (Palais Des Nations)میں اکٹھے ہوئے۔ 

جنیوا معاہدات کے محرکات/ جنیوا معاہدات کیوں ؟
	یہ ایک مُسَلّم حقیقت ہے کہ مسئلہ افغانستان کے حل کے لیے جنیوا معاہدات اطمینان بخش نہیں تھے۔ ان معاہدات میں اس بات کا ذکر عنقا تھا کہ مستقبل میں افغانستان کی حکومت کی نوعیت کیا ہو گی اور یہ کہ ان معاہدات کے عمل میں مجاہدین کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جائے گا۔ جنیوا مذاکرات اپنے اولین مقصد یعنی افغانستان میں امن کی بحالی میں بری طرح ناکام ہو چکے تھے۔ تاہم کسی حد تک جنیوا مذاکرات افغانستان سے روسی افواج کے انخلاء میں مددگار ثابت ہوئے تھے اور ان مذاکرات نے روسی عمائدین کو عالمی سطح پر مزید ذلت و رسوائی اور جگ ہنسائی سے بچایا تھا۔ لیکن یہ سوال ہر ذہن میں ضرور اٹھتا ہے کہ روسی انخلاء اور جنیوا مذاکرات کے باوجود بھی افغانستان میں امن کا قیام عمل میں کیوں نہیں آیا۔ 
٭٭٭


بابِ چہارم
افغانستان سے روسی انخلاء

	 ’’افغانستان اور ایران کی سرحدیں ملی ہوئی ہیں اور دونوں ممالک روس کے پڑوسی ہیں۔ دونوں مسلمان ممالک ہیں۔ تاہم افغانستان سنی اکثریتی ملک ہے جبکہ ایران شیعہ اکثریتی ملک ہے۔ لیکن دونوں ممالک میں جو انقلاب برپا ہوئے ان کی نوعیت ایک دوسرے سے یکسر مختلف تھی، ماسوائے کارٹر (Carter)اور برزنیف (Breznew)کے جنہوں نے انقلابات میں مختلف کردار ادا کئے جنہوں نے جس شرمندگی کا سامنا کیا اس میں مماثلت پائی جاتی ہے۔ برزنیف بھی اپنے عہدے پر فائز تھا کہ مرگیا جبکہ کارٹر کو اپنے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ اب ریگن کو روس کے حالات زار کا مذاق اُڑانے کا موقع ہاتھ آ گیا تھا۔ اس کا ادراک پہلے پہل سیکرٹری گوربا چوف کو ہوا اور جنہوں نے اسے تسلیم کیا ان حالات سے نکلنے کی سعی کی۔‘‘فریڈ انگلس (Fred Inglis)
	دسمبر 1987ء کو ریگن، گورباچوف سربراہی کانفرنس واشنگٹن میں منعقد ہوئی جس میں دونوں سربراہوں کی گفت و شنید کا مرکزی موضوع افغانستان سے روسی افواج کے انخلاء کا ٹائم ٹیبل تھا بعد میں گوریا چوف نے 8 فروری 1988ء کے خطاب کے دوران افغانستان سے روسی انخلاء کا اعلان کیا جو کہ 10ماہ کی مدت میں مکمل ہونا تھی۔ اس انخلاء کی نگرانی کی ذمہ داری ایک بین الاقوامی ٹیم کے سپرد کر دی گئی تھی۔ ادھر جنیوا معاہدات کے فیصلے کے مطابق روس کو افغانستان سے 9 ماہ کے اندر اندر اپنی فوج کو واپس بلانا تھا۔ جس میں سے آدھی ہنگامی فوج کے دستے کو تین ماہ کے عرصے میں افغانستان سے نکلنا تھا۔ روسی افواج کے انخلاء کے دو راستے تھے ایک تھا کشکا اور دوسرا تھا ترمیز، اس طرح 15مئی اور اگست 1988ء کے درمیانی عرصے کے دوران 50 ہزار روسی افواج جلال آباد، غزنی، فیض آباد، قندوز، گردیز، لشکر گاہ، خیر خانہ، حریتان اور قندہار میں موجود اپنی اپنی چھاؤنیوں سے روسی علاقے میں داخل ہوئے۔ اس دوران مختلف بین الاقوامی جریدوں کے قریباً 200نمائندے انخلاء کی تازہ ترین خبریں دینے میں مصروف رہے۔ کورڈوویز نے اپنی کتاب میں ایک جگہ لکھا ہے:۔
	’’مجھے افغانستان سے روسی انخلاء کی خبر سن کر ایک گونہ اطمینان محسوس ہوا کیوں کہ میرے خیال میں روسی انخلاء جنیوا مذاکرات کی سود مندی اور افادیت کا کڑا امتحان تصور کیا جا رہا تھا جس میں ہم کامیاب ہو چکے تھے۔‘‘
	جب واپس جانے والی روسی افواج روس کی سرحد پر پہنچی تو ایک سپاہی کی بیوی نے کہا۔ ’’میری آنکھوں میں خوشی کے آنسو ہیں۔ یہ اس لیے نہیں کہ میں نے جنگ میں اپنے کسی پیارے کو کھو دیا ہے بلکہ اس لیے کہ میں بے حد خوش ہوں کیوں کہ روسی سپاہی اپنے گھروں کو لوٹنا شروع ہو گئے ہیں۔‘‘ روسی افواج کے انخلاء کے پہلے پر امن مرحلے نے بڑی حد تک اقوامِ متحدہ کے وقار اور افادیت پر تصدیق کی مہر ثبت کر دی۔ 
	جب افغانستان کی حکومت نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے خلاف یہ شکایت کی کہ وہ مجاہدین کو اسلحہ و بارود مہیا کر رہا ہے تو پاکستان نے بھی افغانستان کے خلاف یہ شکایت کی کہ افغان مسلح افواج اور خصوصاً افغان ہوائی افواج روزانہ متعدد بار پاکستان کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔ اس پر اقوام متحدہ نے پاکستان و افغانستان کے لیے امدادی وفد (UN Good Offices Mission in Afghanistan and Pakistan)  (UNGOMAP)قائم کیا جس کی ذمہ داری دونوں ممالک کی جانب سے جنیوا معاہدات کی خلاف ورزی کی نگرانی اور تصدیق کرنا تھی۔ 

جنیوا معاہدات کے بعد کا ( سیاسی) منظر نامہ
	اس اَمر کا جائزہ لینا از حد ضروری ہے کہ جنیوا معاہدات اور روسی انخلاء نے خود روس، امریکہ، پاکستان اور بعد میں جنیوا معاہدات کے افغانستان کی پالیسیوں اور سیاست پر کیا اثرات مرتب کئے۔ 

سوویت یونین:
	جنیوا معاہدات نے روسی افواج کو ایک با وقار انخلاء کا موقع فراہم کیا اور روسی رہنماؤں کو شرمندگی سے بچایا۔ تاہم افغانستان میں آج تک امن کا قیام ممکن نہیں ہو سکا۔ 
	روسی تجزیہ نگاروں نے افغانستان کی جنگ سے مندرجہ ذیل تین نتائج اخذ کئے۔ 
1۔	ایک پسماندہ ملک میں ایک فوجی مفادات کے حامل مارکسی (Marxist)لیننی 
 منظر نامہ: 16تا 24 جون 1982ء :                                                                                                (Leninist)جماعت کے ذریعے ایک مستحکم اشتراکی نظریات رکھنے والے دوست ریاست کا قیام اگر نا ممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے۔ پس مداخلت کی نظریاتی توجیح غیر موثر ہے۔ 
2۔	ایک بہت ہی منظم فوجی قوت کا بظاہر ایک کمزور و غیر منظم حریف کے ہاتھوں شکست نے روس کو فوجی طاقت کے میدان میں ایک نا بھولنے والا سبق سکھایا۔ پس ایک غیر موثر نظریاتی مقصد کے حصول کے لیے استعمال ہونے والے ذرائع بھی غیر موثر ہوتے ہیں۔ 
3۔	خارجہ پالیسی کی منصوبہ سازی کے دروازے ہمیشہ نئے نظریات کے لیے کھلے رکھنے چاہئیں۔ روس کی ملکی اور عالمی خارجہ پالیسی کو افغانستان سے انخلاء کی ضرورت ان وجوہات کی بنا پر تھی جو کہ خود افغانستان کے اندرونی حالات سے ماورا تھے۔ گوربا چوف کو پختہ یقین تھا کہ افغانستان سے انخلاء کی جنگ میں صرف ہونے والے قیمتی ملکی سرمایے اور بین الاقوامی تناؤ میں کمی، روسی معاشی و سیاسی نظام کی بحالی (Perestroika)کے لیے اشد ضروری تھا۔ ایک موقعہ پر سوویت یونین کے اُس وقت کے وزیر خارجہ شیوارڑ ناڈزے (Shevardndze)نے کھلے عام یہ اعتراف کیا تھا کہ افغانستان میں روسی مداخلت ’’غیر قانونی‘‘ اور ’’غیر دانشمندانہ‘‘ تھی۔ 
	آج یہ بات مسلم ہے کہ گورباچوف نے کئی وجوہات کی بناء پر روسی انخلاء کو اقوامِ متحدہ کی سرپرستی میں ہونے والے معاہدے کے نتیجے میں شروع کرنے کو ترجیح دی۔ افغانستان کے لیے گوباچوف کی نئی پالیسیوں اور جنیوا معاہدات کے متن میں کئی نقطے مشترک تھے جو کہ بڑی آسانی کے ساتھ روسی رہنماؤں کے مقاصد پورے کرتے تھے۔ جنیوا معاہدات پر دستخط کے بعد افغانستان میں جنگ شدت پکڑتی گئی کیوں کہ روس اور امریکہ افغانستان میں موجود لڑنے والے حریفوں کو عسکری امداد مہیا کر رہے تھے۔ امریکہ معاہدات سے قبل اور بعد میں انہیں سٹنگر (Stinger) میزائل مہیا کرتا رہا جبکہ روس افغان حکومت کو Scud-Bاور MIG-27اور کئی دوسرے جدید جنگی ہتھیار دیتا رہا اور خاص طور پر روس نے انخلاء کے وقت ذخیرے اور ہتھیار افغان فوج کے حوالے کر دیئے تھے صرف یہی نہیں بلکہ جب روس کے رسد کے جہاز روسی افواج کو ملک میں اُتارنے جاتے تو واپسی پر افغان آرمی کے لیے جدید اسلحے سے بھرے ہوئے آتے۔ 
	گورباچوف نے دسمبر 1988ء کو اقوامِ متحدہ میں ایک نئی تجویز پیش کی جو بذاتِ خود افغانستان میں ایک مضبوط و مستحکم حکومت ممکن بنانے کے لیے تمام افغان جماعتوں کے مابین گفت و شنید کو سہل اور ممکن بنانے کے لیے کئی باتیں سموئے ہوئے تھی۔ اس تجویز میں افغانستان میں فوری جنگ بندی، جنگجو گروہوں کو اسلحے کی بندش، ملک کے منتخب علاقوں میں اقوامِ متحدہ امن فوج کے قیام اور ایک غیر جانبدار اور عسکریت پسندی سے پاک افغانستان کے لیے بین الاقوامی اجلاس بلوانے کی اپیل کی گئی تھی۔ 1989ء کے اوائل میں روس اور امریکہ نے منفی توازن کے نظریئے Negative Symmetry پر رضامندی ظاہر کی تھی جس کی رو سے دونوں ممالک افغانستان میں موجود شدت پسندوں کو اسلحے کی ترسیل نہیں کریں گے۔ 

ریاست ہائے متحدہ:
	اس مقالے میں اس تاریخی حقیقت کا ذکر بار بار آیا ہے کہ جب برطانوی استعماری طاقت بیسویں صدی کے چالیس کے عشرے میں برصغیر سے واپس چلے گئے تو اپنے پیچھے طاقت کا ایک خلاء چھوڑ گئے جسے اس وقت محسوس کیا گیا کہ کوئی دوسری طاقت آئے اور اس خلاء کو پُر کرے۔ ایسے میں امریکہ اس خطے میں نمودار ہوا اور وہ خلاء پُر ہو گیا۔ اس خطے میں پاکستان اور ایران کے ساتھ اتحاد نے امریکہ کو اس قابل بنایا کہ وہ خطے میں اپنے مقاصد حاصل کرے۔ مقاصد یہ تھے: 
(۱)	صنعتی ممالک کو تیل کی بلا روک ٹوک ترسیل
(۲)	بحیرۂ  ہند میں آزاد آبی راستوں کا انتظام
(۳)	سوویت یونین پر نظر رکھنا۔ 
	افغانستان میں روس کی موجودگی نے اسے اپنے ارد گرد کی ریاستوں خصوصاً خلیجی ممالک کو اپنے دباؤ میں رکھنے کی اہلیت میں اضافہ کیا۔ امریکی اور یورپی رہنماؤں کو ہمیشہ یہ دھڑکا لگا رہا کہ اگر روس تیل کے ترسیلی راستوں پر قابض ہو گیا تو یہ ان کی معیشت کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ با الفاظِ دیگر امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کی اولین ترجیح دسمبر 1979ء کی روس کی فوجی پیش قدمی کو روکنا تھا کیوں کہ ایران میں خمینی انقلاب کے بعد امریکا نے خطے میں اپنا ایک مضبوط اتحادی کھو دیا تھا، اس لیے اگر روس نے علاقے میں اپنا اثر و رسوخ بڑھا دیا تو یہ خلیج فارس کے انتہائی نازک مگر اہم علاقوں میں امریکی مفادات کے لیے ایک بڑے خطرے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔ نظریۂ  کارٹر (Carter Doctrine)اور یورپی برادری کی اولین تجاویز میں اس نقطے پر زور دیا گیا تھا کہ افغانستان سے روسی انخلاء کے بدلے میں افغانستان کے لیے غیر جانبداری کی مغربی ضمانت فراہم کی جائے گی کہ عسکری نقطۂ  نگاہ سے روسی انخلاء سے امریکی مقاصد حاصل ہو گئے تھے جبکہ سرد جنگ کے اختتام پر افغانستان عالمی طاقتوں کے مابین فساد کی جڑ رہا کیوں کہ دونوں طاقتوں کو اپنے اپنے مفادات سے غرض تھی۔افغانستان میں امریکی مفادات خانہ جنگی اور اشتراکیت کے اختتام اور روس میں جمہوری اصلاحات کے نفاذ کے ساتھ ہی پورے ہو کر ختم ہو گئے۔ اس طرح افغانستان کچھ عرصہ کے لیے عالمی طاقتوں کے درمیان جاری ’’گریٹ گیم‘‘ کا مہرہ نہیں رہا۔ اس کے بعد افغانستان کو ناکارہ پرزے کی طرح پھینک دیا گیا اور 1989ء سے اسے اپنے مسائل خود حل کرنے کے لیے تنہا چھوڑ دیا گیا۔ 


پاکستان
	جنیوا معاہدات کے بعد کا دور اور افغانستان سے روسی انخلاء کا دور پاکستان کے لیے سیاہ بختی کے ادوار ثابت ہوئے۔ پاکستان کے ادراک کے وسیع تناظر، حکومت اور اس کی افغان پالیسی پر مختلف النوع عناصر اثر انداز ہوئے جس میں اندرونی و بیرونی، سیاسی و نظریاتی، سماجی و معاشی اثرات شامل ہیں۔ افغانستان میں روسی فوجی مداخلت نے پاکستان کے لیے دفاعی خدشات پیدا کر دیئے اور بالآخر افغان پناہ گزینوں ، سرحد پر فوجی دباؤ اور اندرونی تخریب کاری کی شکل میں پاکستان کے شانوں پر ایک بارِ گراں آن پڑا۔ 
	بیسویں صدی کے اَسی کے عشرے کے دوران پاکستان میں امریکہ کی طرف سے افغان مجاہدین کے لیے اسلحے کا سیلاب جاری رہا جسے پاکستان کی (Inter Services Intelligence)اسلحے کے گوداموں میں ڈھیر کرتا رہا۔ جو بعد میں وہاں سے افغانستان منتقل کیا جاتا اور افغان مجاہدین میں تقسیم کیا جاتا۔ جنیوا معاہدات کے فوراً بعد پاکستانی سیاست نے ایک غیر متوقع پلٹا کھایا۔ اُوجڑی کے مقام پر پاکستان کے اسلحہ کے گودام (Pakistan Munitions And Ordinance Depot)میں ایک خوفناک دھماکہ ہوا جس سے رہائشی علاقوں میں تباہی مچ گئی اور بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔ اس ڈپو میں امریکی ساخت کا اسلحہ موجود تھا جس میں سٹنگر (Stinger)میزائل بھی شامل تھے اور جو کہ افغان مجاہدین کے لیے تھے۔ یہ اسلحہ دھماکے کے وقت اپنی منزل کے لیے روانہ کیا جانا تھا کہ دھماکے کی نذر ہو گیا۔ 17اگست 1988ء کو صدر ضیاء الحق ایک امریکی سفارت کار، ایک امریکی جنرل اور پاکستان آرمی کے 17سینئر عہدے داروں سمیت اس وقت ہلاک ہوئے جب ان کا C-130 طیارہ بہاولپور کے قریب ہوا میں دھماکے سے تباہ ہو گیا۔ ماضی کے اس حادثے کی شکل میں پاکستان کو مسئلہ افغانستان میں ملوث ہونے کی وجہ سے اپنی تاریخ کی خوفناک ترین قیمت ادا کرنا پڑی۔ 
	سابق سوویت یونین کے خلاف 10سالہ جنگ، افغانستان میں 7سالہ خانہ جنگی اور عالمی تعلقات کے بدلتے ہوئے منظر نامے نے نئے حقائق کو جنم دیا ہے جس کے نتیجے میں دیرینہ اختلافات اور رقابتیں بے معنی دکھائے دینے لگی ہیں۔ اگر ایسا ہے تو پھر مستقبل کے افغانستان کو ایران، وسطی ایشیائی ریاستوں اور پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کے ذریعے اپنا علاقائی تشخص  اُجاگر کرنے کا موقع ملنا چاہئے۔ 


افغانستان: مئی 1988ء ایک فیصلہ کن وقت
	مئی 1988ء کا مہینہ افغانستان کے بحران کا اہم ترین وقت تھا۔ کیوں کہ یہ مہینہ روسی انخلاء کا نقطۂ  آغاز تھا۔ جب روسی فوج افغانستان کے مضافاتی علاقوں اور صوبائی دارالخلافوں سے ہوتی ہوئی کابل کے راستے روسی سرحد کی طرف بڑھی تو بہت ساری مخالف قوتیں حرکت میں آ گئیں۔ 
	روسی انخلاء کا آغاز پاکستانی سرحد کے قریب مشرقی افغانستان سے اور روسی سرحد کے قریب ملک کے شمالی صوبوں بدخشان اور تخار سے ہوا۔ جس وقت روسی افواج کابل اور روسی سرحد کی طرف بڑھ رہی تھیں تو وہ اپنے پیچھے بہت بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور جنگی ساز و سامان چھوڑ گئیں۔ واپس لوٹنے والے روسی افواج کی حفاظت اور افغان آرمی کو مضبوط بنانے کے تمام انتظامات پہلے ہی سے کر لیے گئے تھے۔ تاہم جلال آباد سے روانگی کے کچھ دیر بعد روسی افواج کے پہلے قافلے پر سلانگ سرنگ کے قریب راکٹ داغے گئے۔ کچھ صحافیوں نے اسے ’’شاہراہوں کی جنگ‘‘ کا نام دیا۔ روسی افواج کی مرحلہ وار واپسی کے بعد افغان مزاحمتی طاقتوں کی ایک قابل قبول سیاسی تشخص بنانے میں ناکامی کی وجہ سے افغانستان میں سیاسی ہم آہنگی کے امکانات محدود ہو چکے تھے۔ افغانستان میں سیاسی طاقت منقسم رہی جس کے بعد حکومتی انتظامی ڈھانچے تحلیل ہو گئے۔ دو دہائیوں پر محیط طویل جنگ نے قدیم قبائلی اور نسلی (پشتون، غیر پشتون) رقابتوں پر نئے سیاسی اور نظریاتی اختلافات مسلط کر دیئے تھے۔ کیوں کہ جنیوا معاہدات میں افغانستان کی خانہ جنگی کو روکنے اور افغانستان کے عوام کو ایک قابل قبول حکومت دینے کے لیے کوئی اہتمام نہیں کیا گیا تھا۔ نجیب اللہ تب بھی اقتدار میں تھے۔ یہی وجہ تھی کہ نہ تو مجاہدین اور نہ ہی افغان عوام نجیب اللہ کی افغانستان عوامی جمہوری پارٹی (The People's Democratic Party of Afghanistan) کی حکومت قبول کرنے کو تیار تھے۔ جب روسی افواج کے انخلاء کا آغاز ہوا تو امریکہ نے بڑی مہارت اور لاکھ ہوشیاری سے خود کو افغانستان کے معاملات سے علیحدہ کر دیا اور خطے کی قوتوں کو افغانستان کی حکومت وضع کرنے کے لیے کھلا چھوڑ دیا۔ یہی وجہ ہے کہ علاقائی طاقتیں افغانستان کے اندرونی معاملات میں تا حال مداخلت کر رہی ہیں خصوصاً ایران اور پاکستان کی خواہش ہے کہ افغانستان میں ان کی منشاء کی حکومت ہو۔ مستعفی ہونے تک نجیب اللہ  اپنے مصالحتی حربوں سے افغانستان کے عوام اور مجاہدین کے چند دھڑوں کو خوش رکھنے کی کوشش کرتے رہے۔ اسی وجہ سے اس نے PDPAکا نام تبدیل کر کے حزب وطن پارٹی رکھ دیا اور اسلام کو ریاست کا سرکاری مذہب قرار دیا لیکن وہ حزب اختلاف کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ دراصل اسے کافی دیر ہو چکی تھی اور اسے اپنے آخری انجام کی خبر وقت سے پہلے ہو چکی تھی کیوں کہ روسی انخلاء کے آغاز کے بعد اس کی حکومت روز بروز کمزور ہونا شروع ہو چکی تھی۔ اس وقت کے وزیر دفاع شاہ نواز تانے، نے گورباچوف سے ماسکو میں ایک ملاقات کے وقت کہا تھا کہ ’’نا تو مجاہدین اور نا ہی افغانستان کے عوام ڈاکٹر نجیب اللہ کے ساتھ مذاکرات اور مفاہمت پر کبھی تیار ہوں گے۔ ‘‘
	ان معمولی معمولی کاموں کے ذریعے PDPAحکومت کی شہہ پر افغانستان میں کی گئی سفاکیوں اور عسکری مداخلت کی شکل میں افغانستان پر مسلط کئے گئے المیے کا ازالہ کرنا ابھی باقی تھا۔ اسی لیے نا تو افغان عوام نے اور نا ہی کسی ایک مخالف گروہ نے نجیب اللہ کی مختلف پیش کشوں کو قبول کیا۔ اس کے برخلاف انہوں نے نجیب اللہ حکومت پر دباؤ بڑھانا شروع کر دیا جس کی وجہ سے PDPAیعنی حزب وطن پارٹی، حکومت اور آرمی کو کمزور کرنے کے لیے مخالفین کی مسلح اور منظم سرگرمیوں میں شدت آ گئی۔ لیکن ان مسلح سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے حکومتی افواج ہچکچاہٹ کا شکار رہی کیوں کہ روسی انخلاء اپنے آخری مراحل میں تھا۔

افغانستان سے روسی انخلاء کا آخری مرحلہ
	14فروری 1989ء کی رات افغانستان کے علاقے مزار شریف سے روس کا آخری دستہ جنرل بورس گرمووف (Boris Gromov)کے زیر قیادت اپنے کیمپ سے روانہ ہوا۔ اور علیٰ الصبح آمو دریا کے جنوبی کنارے قیام کر کے دریا کو دوستی پل کے ذریعے عبور کرنے کی تیاری شروع کر دی۔ گروموف نے پل پر منتظر ٹیلی وژن کے ایک نمائندے سے کہا۔’’افغانستان میں 9 سال اور 2ماہ کے بعد روسی فوج افغانستان کو روسی حملے سے پہلی حالت سے بھی بدتر حالت میں چھوڑ کے واپس جا رہی ہے۔‘‘ افغانستان سے روسی انخلاء کے ساتھ ہی اقتدار کے حصول کے لیے ملک میں خانہ جنگی شروع ہو گئی۔ 
٭٭٭


بابِ پنجم 

عبوری حکومت اور پاکستان کا کردار 

	’’افغان جنگ کا قریب سے جائزہ لیجئے اس لیے کہ اس جنگ کے سپاہی کے خون کے ایک ایک قطرے میں آپ کو ہمارے نظریات کی موت دکھائی دے گی۔ اور ہر گولی کے چلنے کی آواز میں آپ ہمارے لوگوں کی دلدوز چیخیں سنیں گے اور ہر مُردے کی بے نور آنکھوں میں آپ کو ہماری قوم کی تقدیر نظر آئے گی۔‘‘ (سجادؔ)

پاکستان
	پاکستان نے نا صرف افغان مجاہدین کے لیے بین الاقوامی حمایت کو متحرک کیا بلکہ ان کو مسلح کرنے اور تربیت دینے میں بھی ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان کا یہ کردار خطے میں موجود بحران کے جواب میں معمولی نہیں تھا کیوں کہ پاکستان تو خود اس وقت معاشی، سیاسی اور دفاعی بحران کا شکار تھا۔ پاکستان کیوں افغانستان کے مزاحمتی قوتوں کو مضبوط بنا کر سوویت یونین کے لیے حالات پیچیدہ بنانے میں ایک کلیدی کردار ادا کر کے اپنے لیے خطرہ مول لینا چاہتا تھا؟ اس کی دو وضاحتیں پیش کی جاتی ہیں۔ پہلی وضاحت میں پاکستان کی اندرونی سیاست کا حوالہ دیا جاتا ہے۔ اور دوسری وضاحت خطے میں ان جغرافیائی و سیاسی کمزور اور غیر مستحکم ادراک سے متعلق ہے جو کہ روس کا افغانستان کے خلاف فوجی کارروائی کے نتیجے میں پیدا ہوا۔ 
	تاہم ایسے کئی دوسرے عناصر موجود تھے جس نے پاکستان کو مسئلہ افغانستان میں ایک متحرک اور کلیدی کردار ادا کرنے پر مجبور کیا۔ افغانستان میں روسی پیش قدمی کے ساتھ پاکستان نے خطے میں عسکری لحاظ سے ایک اہم کردار ادا کرنا شروع کیا۔ یہ کردار اس وقت مزید واضح ہوا جب افغان مہاجرین کا سیلاب پاکستان میں اُمڈ آیا اور افغان مہاجرین آبادی میں افغان مزاحمتی عناصر جڑیں پکڑنے لگے۔ یہ مہاجرین مہاجر اعانت (Refugee Assistance)حاصل کرنے کے لیے اس بات پر مجبور تھے کہ وہ ان مزاحمتی دھڑوں میں سے ایک کے وفادار رہیں جن کو امریکہ اور پاکستان کی حمایت حاصل تھی۔ 
	پاکستان وہ پہلا ملک تھا جس نے اقوام متحدہ کے سکیورٹی کونسل میں افغانستان کا مسئلہ اٹھایا اور بین الاقوامی فورمز میں سوویت یونین پر افغانستان سے اپنی فوج واپس بلانے کے لیے دباؤ ڈالنے میں ایک اہم کردار ادا کیا۔ اسی بناء پر خواہ کسی بھی فورم یا ملک میں افغانستان سے متعلق کوئی سفارتی فیصلہ کیا جاتا تو پاکستان کو نظر انداز نہیں کیا جاتا۔ روس کو اپنے مذموم عزائم سے روکنے کے لیے پاکستان نے روزِ اول سے مذاکرات میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ اور یہ دلچسپی پاکستانی عوام کے دباؤ سے اور بھی بڑھ گئی تھی جو اس بات کی متقاضی تھی کہ پاکستان افغانستان کے مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرنے سے بے نیاز نہ ہو۔ 1980ء میں پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سرپرستی میں اسلامی کانفرنس تنظیم نے افغانستان اور روس کے مابین مذاکرات کے آغاز کی بنیاد رکھی۔ اسلامی کانفرنس تنظیم کے اس اقدام سے نہ صرف افغانستان سے روسی انخلاء کے مطالبے کو تقویت ملی بلکہ اس سے افغانستان کے حالات کے حل میں بھی پیش رفت ہوئی۔ اسلامی کانفرنس تنظیم نے ایک قرار داد پاس کی جو مندرجہ ذیل چار بنیادی نکات پر مشتمل تھی:
1۔	افغانستان سے روسی افواج کا فوری انخلاء:
2۔	افغان عوام پسند کی حکومت کے انتخاب کے حق اور اپنے سماجی، معاشی اور سیاسی نظام کے 
	انتخاب کے حق کو تسلیم کرنا۔ 
3۔	افغانستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور غیر جانبدارانہ حیثیت کا احترام۔
4۔	اور مندرجہ بالا نکات کو حقیقی شکل دینے کے لیے ساز گار حالات پیدا کرنا۔ 
	اس پورے عرصے کے دوران، پاکستان کے لیے افغان جنگ سونے کی چڑیا ثابت ہوئی کیوں کہ اُسے روس کے افغانستان پر حملے کے وقت امریکہ کی طرف سے معاشی اور عسکری امداد کی مد میں تین بلین ڈالر موصول ہوئے اور آنے والے سالوں میں مزید چار بلین ڈالر موصول ہوئے۔ پاکستان اور امریکہ کے مفادات کی خاطر، ضیاء الحق اپنے دورِ اقتدار کو طوالت اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے خواہشمند تھے جبکہ ریگن کو پاکستان جیسے دوست ملک کی ضرورت تھی جہاں سے وہ باآسانی ان مزاحمتی گروہوں کو اسلحہ فراہم کر سکتا جو کہ روس کو شکست دے کر امریکہ کو خطے کا بلا شرکت غیرے آقا اور طاقت کا سرچشمہ بنانے کے لیے لڑ رہے تھے۔ افغان مجاہدین نے امریکہ کی خواہشات کے عین مطابق روس کو شکست دے دی لیکن اس کے بعد جو افغانستان کا حشر ہوا اور ہو رہا ہے وہ کسی سے مخفی نہیں ہے۔ افغانستان پر قابض ہونے کے خواہشمند بڑی طاقتوں کی رقابت کی لگائی ہوئی آگ کی چنگاریاں ہیں جو آج بھی افغانستان کو خاکستر کر رہی ہیں جس نے افغانستان کو ایک سیاہ مستقبل عطا کیا اور غم کی ایک طویل داستان بنا دیا ہے۔ پاکستان افغانستان کے متعلق سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بنا اور جو آج بھی مسئلہ افغانستان میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ 

افغانستان کی جلا وطن/؍ عبوری حکومت (AIG)
	10 فروری 1989ء کو پشاور (پاکستان) میں سات مجاہدین گروپوں نے 439 ارکان پر مشتمل ایک شوریٰ تشکیل دیا۔ 23فروری کو شوریٰ نے صدر اور وزیر اعظم کا انتخاب خفیہ ووٹ سے کیا اور صبغت اللہ مجددی کو صدر اور عبدالرب رسول صیاف کو جلا وطنی میں افغانستان کی عبوری حکومت کا وزیر اعظم مقرر کیا۔ دونوں کو شوریٰ کے فیصلے کے مطابق چند ماہ بعد عبوری حکومت کو افغانستان منتقل ہو کر  لویہ جرگہ یا شوریٰ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا تھا۔ 
	24فروری 1989ء کو صدر مجددی نے OICکے ممبر ممالک سمیت پوری دنیا کے ملکوں سے افغانستان کے لیے اسلامی حکومت کو تسلیم کرنے کی اپیل کی۔ پاکستان کے اس وقت کی وزیر اعظم بے نظیر بھٹو نے کہا تھا کہ 
	’’نئی جلا وطن حکومت کو تسلیم کرنا قبل از وقت ہو گا۔‘‘ جبکہ امریکی صدر بش سینئر نے کہا تھا کہ مجددی حکومت سب سے پہلے افغانستان کے کچھ علاقوں پر قبضہ کرے اور عوام کی اکثریت کی حمایت حاصل کرے تب اُن کا ملک مجددی حکومت کو تسلیم کرے گا۔ ‘‘ 13مارچ 1981ء کو ریاض، سعودی عرب میں OICکے اجلاس کے موقع پر سعودی عرب نے افغانستان کے جلاوطن عبوری حکومت کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی کہ وہ اس مخصوص نشست کو پرُ کریں جو 1980ء سے خالی پڑی تھی۔ اس فورم میں افغانستان کی جلا وطن عبوری حکومت کو سعودی عرب، سوڈان اور بحرین نے پہلی دفعہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم کر لیا۔ اس دوران اگر ایک طرف نجیب اللہ اپنی فوج کو از سرنو منظم کرنے میں لگا ہوا تھا تو دوسری جانب مجاہدین کابل، جلال آباد، خوست اور دوسرے فوجی پڑاؤ والے اہم شہروں پر قبضے کے لیے سر توڑ کوشش کر رہے تھے۔ مجاہدین کے لیے جلال آباد پر قبضہ اور حکومت کے لیے جلال آباد کی حفاظت زندگی اور موت کا مسئلہ بن گیا تھا۔ عبوری حکومت کے صدر، وزیر اعظم اور ان مجاہدین رہنماؤں نے جن کا عبوری حکومت کے ساتھ تعلق نہیں تھا نجیب اللہ سے متعدد بار اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا اور بعد میں اس کا اقتدار گرانے کے لیے سازشوں کا سہارا لیا۔ 5مارچ 1990ء کو جنرل تنائی نے نجیب اللہ کا تختہ اُلٹنے کے لیے فوجی بغاوت کی لیکن یہ بغاوت نجیب اللہ کے حامیوں نے بروقت ناکام بنا دی جس کے نتیجے میں جنرل تنائی نے پاکستان میں پناہ لی۔ 
	پچھلے صدی کے 90کی دہائی میں نجیب اللہ عوام اور مختلف گروپوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے اپنی مصالحتی مہم میں مصروف رہا۔ ان کی ’’تقسیم کرو حکومت کرو‘‘ کی پالیسی کسی حد تک ہزاروی اور ازبک قوموں کو قابل قبول تھی اور گنتی کے ان چند مجاہدین گروہوں کو قبول تھی جو اپنے علاقوں کی حفاظت کے لیے حکومت سے نقد رقم اور اسلحہ حاصل کرتے جو حکومت مخالف مجاہدین کے خلاف استعمال ہوتا اور اس طرح وہ حکومت کے خلاف لڑنے کے قابل نہ رہتے۔ اگست 1990ء میں کویت پر عراق کی چڑھائی نجیب اللہ کے لیے نیک شگون ثابت ہوئی کیوں کہ اس کے بعد امریکی پالیسی افغانستان سے منتقل ہو کر خلیجی ریاستوں پر مرکوز ہو گئی۔ مجاہدین کو عسکری کامیابی حاصل کروانے کی غرض سے امریکہ کی خفیہ ادارے CIAاور پاکستان کی ISIنجیب حکومت کا تختہ اُلٹنے کے لیے کمر بستہ ہو گئے۔ 1991ء میں مسئلہ افغانستان کے پر امن حل کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں میں اس وقت تیزی آئی جب سیکرٹری جنرل پیریز ڈی کیولر نے ایک امن منصوبہ Intra Afghan Dialogueکے نام سے پیش کیا۔ اگر اس منصوبے کے نتیجے میں مسئلہ افغانستان کے حل کے طریقہ کار پر ایک مجموعی رائے عامہ سامنے آتی تو اقوامِ متحدہ کی سرپرستی میں اس مسئلے کے سیاسی حل سمیت دیگر اہم امور زیر غور آتے۔ مثلاً عبوری حکومت کے تحت فوج کا انتظامی ڈھانچہ اور مقامی انتظامی ڈھانچے کی نوعیت، اور آزاد اور شفاف انتخابات کے ذریعے جمہوری حکومت کے چناؤ تک عبوری دور کے امور سنبھالنے کے لیے ایک وسیع البنیاد حکومت، اس دفعہ قریباً تمام جماعتوں نے منصوبے کی حمایت کی۔ حتیٰ کے نجیب اللہ نے ایک حد تک اس کی حمایت کی۔ 

نجیب اللہ کی اقتدار سے سبکدوشی
	دسمبر 1991ء میں خطے کے منظر نامے نے ایک نیا رُخ اختیار کیا جب سوویت یونین 15 علیحدہ علیحدہ خودمختار ریاستوں میں بٹ گیا اور وسطیٰ ایشیاء میں موجود تمام مسلم ریاستوں نے آزادی کا اعلان کر دیا۔ بورس یلسن (Boris Yeltsin)کی قیادت میں نئی روسی ریاست نجیب اللہ حکومت کی مدد کے لیے تیار نہیں تھی۔ مارچ 1992ء کو دوستم (جو مارچ میں مجاہدین سے علیحدہ ہو گئے تھے) کے ملیشانے (کابل) کو چاروں اطراف سے اپنے مورچے سنبھال کر کابل کا گھیراؤ کر لیا اور نجیب اللہ سے کہا کہ وہ افغان عوام سے ان تمام زیادتیوں کی معافی مانگ لے جو انہوں نے اپنے دورِ اقتدار میں ان سے روا رکھے ہیں۔ نجیب اللہ بجائے افغان عوام سے معافی مانگنے کے سیدھا کابل میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈ کوارٹر (Head quarter)پہنچا اور وہاں سیاسی پناہ لے لی۔ 16اپریل 1992ء کو نجیب اللہ کے اقتدار چھوڑنے کے بعد ملک کے حالات یکسر بدل گئے۔ بینن سیون (Benon Sevan)کے الفاظ میں کابل (افغانستان) ہر کسی کا ہوتے ہوئے بھی آج کسی کا نہیں ہے۔‘‘ 16اپریل 1992ء کو افغانستان میں مار کسی حکومت کے خاتمے کے بعد افغانستان کے نائب صدر عبدالرحمان ہاطف نے نجیب کی جگہ لے لی۔ وزیر خارجہ عبدالوکیل اور نائب صدر محمد رفیع مجاہدین کے ساتھ مل گئے۔ عبدالوکیل مسعود اور محمد رفیع حکمت یار کے ساتھ شامل ہو گئے۔ صوبائی اور مرکزی ادارے یکے بعد دیگرے تبدیلیوں سے گزرے جس سے سارا ملک متاثر ہوا۔ مجاہدین کے مختلف دھڑوں نے جلدی میں نئے اتحاد قائم کئے۔ علیحدہ ہونے والے عسکری کمانڈروں اور مقامی قبائلی رہنماؤں نے ملک کے طول و عرض میں موجود قصبوں اور شہروں کا کنٹرول اپنے ہاتھوں میں لے لیا۔ شاید مارکسی حکومت کے زوال کے نتیجے میں پیدا ہونے والی خلاء کو پرُ کرنے کے لیے یہ ایک قدرتی عمل تھا۔ 
	افغانستان کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا کیوں کہ مجاہدین نے آمد و ::نخلائاور پاکستان کا کردار :                                                                                                   رفت کے تمام اہم راستے بند کر دیئے تھے۔ مجاہدین کی اہم قیادت نے اپنی بساط کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں پر قبضے کرنا شروع کئے۔ چوں کہ افغان مجاہدین قیادت کو حکومت چلانے کا تجربہ نہیں تھا اس لیے وہ کابل میں ایک مضبوط سیاسی حکومت قائم کرنے میں ناکام رہے۔ مجاہدین قیادت کے ہر رہنما صدر یا وزیر اعظم بننے کا خواہشمند تھا کیوں کہ اس وقت تک ان کے مابین طاقت کی تقسیم کا معاملہ حل نہیں ہوا تھا۔ 23اپریل 1992ء کو بینن سیون (Benon Sevan)نے پاکستان کے اعلیٰ حکام کو افغانستان میں خوفناک حالات کی اطلاع دی اور ان سے درخواست کی کہ پاکستان بحیثیت ثالث کے مجاہدین راہنماؤں کو طاقت کی تقسیم کے فارمولے پر راضی کرے۔ 

معاہداتِ پشاور
	24اپریل 1992ء کو گورنر ہاؤس پشاور میں مجاہدین جماعتوں میں سے کل 10 جماعتوں کے مابین عبوری حکومت کونسل پر اتفاق رائے قائم ہوا۔ معاہدات پشاور میں عبوری انتظامیہ میں نمائندگی اور کیبنٹ میں جماعتوں کے لیے عہدوں کے تعین کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی گئی۔ ان معاہدات میں مندرجہ ذیل فیصلے کئے گئے تھے۔ 
1۔	اس میں عبوری حکومت کی نگرانی کے لیے صبغت اللہ مجددی کے زیرِ قیادت 51ارکان پر مشتمل ایک شوریٰ تشکیل دی گئی۔ 
2۔	دو ماہ بعد حکومت کی باگ ڈور برہان الدین ربانی کی سپرد کر دی جائے گی جو ریاست کے حکمران ہوں گے۔ 
3۔	صبغت اللہ مجددی 51ارکان پرمشتمل شوریٰ کی رہنمائی برقرار رکھیں گے جو بعد میں حکمران شوریٰ کا مرتبہ حاصل کرے گی۔ 
4۔	وزیر اعظم کی زیرِ قیادت عبوری (Transitional)حکومت چار ماہ تک حکومتی امور چلائے گی۔ بعد ازاں یہ ایک عبوری (Interim)حکومت قائم کرے گی۔ 
5۔	عبوری (Interim)حکومت 18ماہ تک حکومتی امور چلائے گی جس کے دوران یہ انتخابات کی تیاری کرے گی اور بعد میں حکومت نو منتخب ارکان کے حوالے کر دے گی۔ 
6۔	حکمران شوریٰ جس کی قیادت مجددی کریں گے 30 فیلڈ کمانڈروں پر مشتمل ہو گی جس میں 10علماء اور 10 ارکان مجاہدین جماعتوں کے ہوں گے۔ وزیر اعظم کی نامزدگی حکمت یار کی جماعت حزب اسلامی کرے گی جبکہ پہلے اول نائب وزیر اعظم جس کے پاس وزیر خارجہ کا اضافی عہدہ بھی ہو گا کی نامزدگی سید احمد گیلانی کی جمعیت نیشنل اسلامک فرنٹ کرے گی۔ دوسرے نائب وزیر اعظم کی تقرری یونس خالص کی جماعت حزب اسلامی کرے گی۔ دوسرا نائب وزیر اعظم وزیر تعلیم کے عہدے کا قلمدان بھی سنبھالیں گے۔ تیسرے نائب وزیر اعظم کا تعلق اتحادِ اسلامی جماعت سے ہو گا جو کہ ساتھ ساتھ وزیر کا عہدہ بھی سنبھالیں گے۔ معاہداتِ پشاور میں احمد شاہ مسعود کو وزیر دفاع مقرر کیا گیا۔ باقی وزارتوں کے قلمدان مجاہدین کی بقیہ جماعتوں میں بانٹ دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ 

اسلامی جمہوریہ افغانستان
	28اپریل 1992ء کو صبغت اللہ مجددی عبوری حکومت کے 50ارکان کے ہمراہ زمین کے راستے کابل پہنچے۔ مجددی سیدھے وزارت خارجہ کے دفتر پہنچے جہاں انہیں افغان معززین اور غیر ملکی وزراء خارجہ کی موجودگی میں حکومت کے نائب صدر نے باقاعدہ طور پر حکومت کی باگ ڈور پیش کی۔ نئے صدر نے فوری بعد افغانستان کو اسلامی جمہوریہ افغانستان قرار دیا اور ملک میں عام معافی کا اعلان کر دیا۔ پہلی غیر ملکی سیاسی شخصیت جنہوں نے کابل میں صدر مجددی سے ملاقات کی وہ پاکستان کے اس وقت کے وزیر اعظم محمد نواز شریف تھے جو 29اپریل کو افغانستان کی نئی قیادت کو تسلیم کرنے کابل پہنچے تھے۔ پاکستان کی دیکھا دیکھی 20ملکوں کے حکومتوں نے نئے اسلامی جمہوریہ افغانستان کو سرکاری سطح پر تسلیم کر لیا۔ پشاور معاہدات کے مطابق دو ماہ بعد مجددی نے اختیارات برہان الدین ربانی کو سپرد کر دیئے۔ لیکن ربانی عوام کے منتخب ارکان کی حمایت کے بغیر آج بھی اقتدار پر قابض ہیں اگر چہ وہ اپنی مدت یعنی 18ماہ مکمل کر چکے ہیں۔ (یہ مقالہ 1996-97ء میں لکھا گیا۔ اس وقت ربانی برسر اقتدار تھے لیکن ابھی حال ہی میں انھیں ایک خود کش حملہ میں شہید کر دیا گیا)
	افغانستان میں طویل جنگ نے ملک کے روایتی سماجی اور سیاسی نظام کا نقشہ ہی بدل کر رکھ دیا ہے۔ اس تبدیلی میں اہم ترین تبدیلی ملک کی اندرونی سیاسی ٹوٹ پھوٹ ہے۔ مجاہدین کی مختلف جماعتوں میں شدید نوعیت کے سیاسی اور ذاتی اختلافات کی بنیاد پر شگاف پڑ گئے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ان کے اندرونی اختلافات اور جمہوری سیاسی اداروں کا فقدان ایک مستحکم انتظامی اتحاد کے عمل کو پیچیدہ بنا رہی ہے۔ جس کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ افغانستان کی یہ غیر مستحکم صورت حال خطے کی دیگر ریاستوں کے ساتھ اور ان کے مابین جاری تعلقات کے عمل میں استحکام کے فقدان کا باعث بنے گی۔ 
٭٭٭


بابِ ششم

افغانستان کی حالیہ صورتحال میں اقوامِ متحدہ اور امریکہ کا کردار

	’’اقوامِ متحدہ نے مذاکرات کی مدد سے روس کو افغانستان سے نکال باہر کر دیا اور اس طرح ان کی ذمہ داری ختم ہو گئی چنانچہ دنیا کو افغانستان کے قبائلی جھگڑوں اور خونی دشمنی سے کوئی سروکار نہیں۔‘‘	  (دی ٹائمز) 
	اقوامِ متحدہ کے مصالحتی کردار کا آغاز تب ہوا جب دسمبر 1979ء میں روس نے افغانستان پر حملہ کر دیا جو جنیوا مذاکرات کا باعث بنا اور بعد میں جنیوا معاہدوں پر منتج ہوا لیکن ان معاہدوں سے اقوام متحدہ کا کردار ختم نہیں ہوتا بلکہ افغانستان کی حالیہ صورتحال میں اقوام متحدہ کے ایک فعال کردار کی آج بھی اتنی ہی ضرورت ہے جتنی کہ ماضی میں تھی۔ اقوامِ متحدہ کا یہ کردار اس لیے بھی ضروری ہے کیوں کہ جنیوا معاہدوں کے متن میں اس بات کا نشان بھی نہیں ملتا کہ مستقبل میں افغانستان کی حکومت کا طرز کیا ہو گا اور نہ ہی اس اسلحے و بارود کا ذکر ملتا ہے جو جنگ کے بعد یہاں رہ گیا تھا اور تشویش کی بات ہے کہ یہ اسلحہ آج بھی جنگ کے ٹھیکیداروں کے ہاتھوں میں ہے۔ 
	جب مجاہدین جماعتوں میں سے چند نے کابل میں عبوری حکومت قائم کی تو انہوں نے دیگر مجاہدین جماعتوں کو حکومت سے الگ کر دیا حالانکہ حقیقت یہ تھی کہ ان محروم جماعتوں نے روس کے خلاف جہاد میں اقتدار پر قابض لوگوں کی نسبت زیادہ قربانیاں دی تھیں۔ اس کے نتیجے میں اقتدار پر قبضہ حاصل کرنے کے لیے مجاہدین (جو حکومت سے الگ تھے) کے درمیان ایک مختلف نوعیت کی رقابت اور خانہ جنگی نے جنم لیا۔ چناں چہ افغان مسئلے میں ملوث چند مجاہدین گروہوں کی کھلی مخالفت کی وجہ سے اقوامِ متحدہ کی جتنی بھی امن کوششیں اور منصوبے تھے، وہ خطرے میں پڑ گئے۔ مجاہدین کے نقطۂ  نظر سے اقوام متحدہ کے امن منصوبے دراصل ربانی حکومت کو طول دینے کے مختلف ہتھ کنڈے ہیں جن کی مدتِ اقتدار پشاور معاہدوں کے متن کے مطابق 1993ء کے آخری چوتھائی میں ختم ہو چکی ہے۔ 

مسئلہ افغانستان میں بیرونی مداخلت
	شوریٰ کا (ارتقائی عمل) اُس وقت موثر کردار ادا کر سکتا ہے جب مرکزی حکومت میں تمام جماعتوں کا مساوی حصہ ہو۔ کیوں کہ طاقت کے حصول کے لیے جنگ میں ملوث متعدد حریف اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بیرونی قوتوں کے مفادات کی وجہ سے طاقت کی تقسیم کے عمل کا سامنا سیاسی افراتفری، توازن کے بگاڑ حتیٰ کہ سیاسی نظام کے ناکارہ ہونے سے ہو سکتا ہے۔ وہابیوں (سعودی عرب کے سنی مکتبۂ  فکر کے حامی) اور شیعہ (ایران کے شیعہ مکتبۂ  فکر کے حامی) کی فرقہ وارانہ مخالفت مجاہدین کے اتحاد اور مخلوط حکومت کی بنیادیں ہلا دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کی بیرونی طاقتوں سے رابطے اور مراسم یقیناً بدامنی میں اضافہ کر سکتے ہیں بلکہ خانہ جنگی میں مزید شدت لا سکتے ہیں۔ یہ ایک مسلم حقیقت ہے کہ ایران اور سعودی عرب افغانستان میں اپنی سفارتی رقابت بر قرار رکھنے کی غرض سے شیعہ اور وہابی فرقوں کا استعمال کر رہے ہیں۔ اس سے جنگ سے تباہ حال افغانستان میں عبوری حکومت کی مشکلات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے اور اقوام متحدہ کے امن قائم رکھنے کے منصوبوں کو مزید پیچیدہ اور مشکل بنا سکتے ہیں۔ 1992ء سے وقفے وقفے سے خانہ جنگی جاری ہے۔ کیوں کہ وہ مزاحمتی گروہ جو روس کے خلاف بر سر پیکار رہے، روس کو شکست دینے کے بعد متحد ہو گئے اور اقتدار پر قابض حکومت جسے روس کی آشیر واد حاصل تھی، کو شکست دینے کے بعد اقتدار پر قابض ہونے کی غرض سے ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑے اور آپس میں لڑنے لگے۔ 

طالبان اسلامی ملیشا
	بالآخر، ملک کو جنگ کی بھٹی میں جھونکنے والے مجاہدین جماعتوں کی بد عنوانی سے ملک کے طول و عرض میں پھیلی ہوئی بے اطمینانی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے طالبان جماعت افغانستان میں ایک اہم اور نئی طاقت کے طور پر اُبھری۔ اب طالبان تحریک ملک کی طاقتور ترین پشتون اور مذہبی تحریک بن گئی ہے اور اب تو یہ تحریک کابل پر قابض ہونے کے لیے اندرون ملک جنگ میں ایک نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ طالبان نے ملک کے جنوبی اور مغربی حصوں پر قبضہ حاصل کر لیا ہے اور کابل سے چند میل کے فاصلے پر ہیں۔ طالبان قیادت افغانستان کے جنوب میں واقع مساجد سے بلوائے گئے ملاؤں پر مشتمل ہے۔ ان میں سے اکثر سیاست کے وسیع و پُر خار میدان کے طفل ہیں جبکہ ان میں سے گنتی کے چند رہنما مثلاً ملا محمد عمر، ملا محمد ربانی (ان کا تعلق سابق افغان صدر ربانی سے نہیں ہے) اور ملا محمد غوث اعلیٰ تعلیم یافتہ شخصیات ہیں اور افغانستان کے ’’منی گریٹ گیم‘‘ میں اہم مقامی کھلاڑی بن چکے ہیں۔ طالبان تحریک 1994ء کے اوائل میں تب عالمی توجہ کا مرکز بنا جب انہوں نے آدھے افغانستان پر قبضہ حاصل کر لیا اور ربانی کی حکومت کو دارالخلافے کے مضافات تک محدود کر دیا۔ 

طالبان کو کون مسلح کر رہا ہے؟
	یہ ایک انتہائی اہم سوال ہے کہ طالبان کو کون مسلح کر رہا ہے۔ تحریک طالبان نوجوانوں اور سیاست کے میدان میں نئے اور جنگی حربوں میں تجربہ حاصل کرنے والوں کا ایک ٹولا ہے۔ ان تمام خامیوں کے باوجود وہ کیسے اتنا طاقتور بن گئے کہ وہ آدھے ملک پر قابض ہو گئے ہیں اور تا حال حکومتی اداروں کے خلاف بر سر پیکار ہیں۔ جیسا کہ پہلے ذکر کیا گیا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ما سوائے خانہ جنگی میں مزید بگاڑ پیدا کرنے کے اور کچھ نہیں۔ یہ ایک کھلا راز ہے کہ طالبان پاکستان میں پھیلے ہوئے مدارس سے فارغ التحصیل ہیں اور یہ تمام کے تمام سنی پختون ہیں۔ پختون جو کہ افغانستان کا سب سے بڑا نسلی گروہ ہے پاکستان کے صوبہ سرحد (خیبر پختون خوا) میں اکثریت میں ہیں۔ پاکستان اس اُمید سے طالبان کی مدد کر رہا ہے کہ ایک ایسا وقت آئے گا جب وہ کابل پر قابض ہو جائیں گے اور اس طرح وہ نئی آزاد ہونے والی وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی کے لیے خشکی کے راستوں پر قبضہ حاصل کر لے گا جبکہ دونوں اطراف سے سمگلر غیر محفوظ (خانہ جنگی کی وجہ سے) راستوں (کوئٹہ کے ذریعے قندھار اور وہاں سے وسطی ایشیاء تک) کو استعمال کر رہے ہیں۔ وہ خوراک، سستے روسی ٹائر، ائیر کنڈیشنز، خام کپاس اور اس کے علاوہ مغربی ممالک کو روس کے راستے ہیروئن بھی سمگل کر رہے ہیں۔ 
	پاکستان اور باالخصوص خیبر پختون خوا میں یہ تاثر عام ہے کہ پٹھان یا پشتون افغانستان میں پشتون حکمران کے علاوہ کسی دوسری نسل کے حکمران کو قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ طالبان اسلامی ملیشاء کی حمایت کر رہے ہیں کیوں کہ وہ سنی پشتون ہیں۔ اگر تاریخی تناظر میں بات کی جائے تو یہ بات وثوق سے کہی جا سکتی ہے کہ جب افغانستان میں طاقت کی منتقلی ہو گی تو یہ بہت حد تک ممکن ہے کہ پشتون ملک پر مسلط ہوں گے۔ جیسا کہ ماضی میں ہوتا رہا ہے لیکن حال کے بارے میں جیسا کہ سر ہنری (Sir Henry)نے اُس وقت کے افغانستان کے بارے میں کہا تھا کہ کچھ یقین سے نہیں کہا جا سکتا (کیوں کہ یہ واضح نہیں ہے) کہ مستقبل میں کس کا پلڑا بھاری ہو گا۔ وہی کہانی اب بھی دہرائی جا رہی ہے۔ 
	طالبان کا دوسرے افغان نسلی گروہوں کے ساتھ اتحاد قائم کرنے یا حالیہ حکومت کو قبول کرنے سے انکار اقوامِ متحدہ کے امن کے عمل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ آج کل خطے میں افغانستان کی حالیہ صورتحال میں افغانستان کے سابق بادشاہ ظاہر شاہ کی شخصیت اور ان کے کردار کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ امریکہ، پاکستان اور طالبان مخفی طور پر افغانستان میں امن کی بحالی کے لیے ان کے کردار کے خواہش مند ہیں۔ 
(نوٹ: یہ مقالہ لکھتے وقت وہ زندہ تھے اور ان کے کردار کے بارے میں باتیں ہو رہی تھیں )

ظاہر شاہ کا مجوزہ کردار:
	موجودہ دور میں افغانستان کو جنوبی ایشیاء کا ’’مردِ بیمار‘‘ گردانا جاتا ہے۔ ماضی کا یہ چھوٹا سا خشکی میں محصور غیر جانبدار ملک عالمی سازشوں کی آماج گاہ بن کے رہ گیا ہے اور اسے اس حالت تک پہنچانے میں ہمسایہ ممالک کا ہاتھ ہے۔ افغانستان کے ارد گرد کے تمام ممالک تاجکستان، ترکمانستان، ازبکستان، ایران اور پاکستان مسئلہ افغانستان کو مزید پیچیدہ بنانے میں براہِ راست ملوث ہیں حالاں کہ افغانستان پہلے ہی سے داخلی نسلی و قبائلی اختلافات کا شکار ہے۔ 
	آج جب کوئی ایک ملک بھی اقوامِ متحدہ کا امن منصوبہ قبول کرنے پر تیار نہیں اور نا ہی ایک رہنماء دوسرے رہنما کو اقتدار سپرد کرنے پر راضی ہے اور جنگ کے ٹھیکیدار بھی طاقت کی تقسیم کے فارمولے پر خوش نہیں اور افغانستان کے مسئلے پر علاقائی رائے عامہ کی بھی کمی ہے تو ایسی گھمبیر صورتحال میں ظاہر شاہ کی شخصیت امید کی ایک ایسی کرن ہے جو کہ اس سیاہ بخت ملک کو باہمی رقابتوں ، خانہ جنگی، تباہی اور بد نظمی کی دلدل سے نکال سکتی ہے اور اقوامِ متحدہ کی مدد سے افغانستان میں مستقل امن کا قیام ممکن بنا سکتی ہے۔ اس ضمن میں طالبان نے ظاہر شاہ کے بارے میں مثبت رویہ ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم سابق شاہ کو جنگ سے تباہ حال افغانستان میں اسلامی قانون کے قیام اور امن کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں۔ طالبان اسلامی ملیشا کی یہ دعوت ان تمام لوگوں کے لیے بھی ہے جنہوں نے ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں لیکن وہ دیارِ غیر میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور جو ایک پر امن افغانستان کو واپس لوٹنے کی خواہش دل میں لیے ہوئے ہیں۔ طالبان نے ان لوگوں کو ملک واپس آنے کی دعوت دی ہے۔‘‘ ہم نا صرف ظاہر شاہ کو ملک واپس آنے کی دعوت دیتے ہیں بلکہ ان تمام اہم شخصیات کو بھی دعوت دیتے ہیں جو کہ یورپ میں مقیم ہیں اور جو واپس آ کر ملک میں امن اور ایک اسلامی نظام کے قیام میں مدد کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ میری ذاتی رائے ہے کہ ظاہر شاہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لیے قابل قبول ہو گا بصورت دیگر ان کو خطے میں طالبان ریاست کی شکل میں ایران سے بھی زیادہ بنیاد پرست اور انقلابی اسلامی ریاست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ موجودہ وقت میں یہ فیصلہ ظاہر شاہ کو کرنا ہے کہ کیا اسے اپنے آبائی وطن لوٹ کر افغان مسئلہ کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے؟ 

افغانستان میں امریکہ کا نیا کردار
	افغانستان سے سوویت یونین کی افواج کے انخلاء کے بعد چوں کہ امریکہ کے پاس افغانستان کے لیے کوئی جامع حکمتِ عملی موجود نہیں تھی لہٰذا افغانستان میں سرد جنگ کے خاتمے کے بعد امریکہ نے جنگ میں جھونکے گئے افغانوں کو بے یارو مدد گار چھوڑ دیا۔ افغانستان کے عوام یہ امید لگائے ہوئے تھے کہ چوں کہ گزشتہ پانچ سالوں کے بر خلاف امریکہ جنگ میں طویل عرصے سے پھنسے ہوئے افغانوں کی جائز اُمنگوں کے عین مطابق افغانستان میں امن کے استحکام اور افغانستان میں جاری جنگ کے سیاسی حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا لیکن آج یہ حقیقت ہم پر پوری طرح واضح ہے کہ افغانستان کے امور میں روس اور ایران کی کھلے عام دخل اندازی کی وجہ سے امریکہ ایک دفعہ پھر افغانستان کی جنگ کے اکھاڑے میں داخل ہو رہا ہے۔ اگر امریکہ کو روس کے خلاف میدانِ جنگ یعنی افغانستان میں چھوڑ دیا جائے تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ دنیا کے فوجی لحاظ سے حساس اس جنگی خطے میں امریکا اپنے مخالف حریف روس سے ’’گریٹ گیم‘‘ میں شکست کھا جائے گا۔
	حال ہی میں امریکہ کے سینیٹر ہنک براؤن (Hank Brown)نے کابل کا دو دفعہ دورہ کیا اور صدر ربانی اور افغانستان کے دوسرے جنگی دھڑوں کے رہنماؤں سے تفصیلی ملاقاتیں کی ہیں۔‘‘ افغانستان کی جنگ میں حصہ لینے والے دھڑوں نے یہ شکایت کی ہے کہ کابل سے روسی قابض افواج کے انخلاء اور سابق اشتراکی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد امریکہ نے ان سے منہ موڑ لیا ہے۔‘‘ اس موقع پر سینیٹر ہینک براؤن نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ امریکی حکومت کو افغانستان میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے اور امریکہ کو اقوام متحدہ کی امن کوششوں کی حمایت کرنے پر قائل کرے گا۔ یہ بات واضح ہے کہ سینیٹر براؤن کے اقدام کے پیچھے امریکی انتظامیہ کی اشیر واد کار فرما تھی جو کہ افغانستان کی صورتحال کو تشویش کی نگاہ سے دیکھ رہی تھی۔ ان کی تشویش افغانستان کے بد قسمت عوام کی روز بروز بڑھتی ہوئی مشکلات کے پیش نظر نہیں تھی بلکہ ان علاقائی اور عالمی استحکام کو لا حق خطرات کے پیش نظر تھی جو کہ افغانستان کے بگڑتی ہوئی صورتحال سے جنم لے سکتے ہیں۔ افغانستان میں خطرات کو مد نظر رکھتے ہوئے ازبکستان کے صدر اسلام کریموف نے چند ماہ قبل سکیورٹی کونسل کو ایک خط میں لکھا کہ ’’افغانستان کے مسئلے کی آڑ میں پورا خطہ منشیات کی سمگلنگ، دہشت گردی، انتہاء پسندی اور غیر قانونی اسلحے کی سمگلنگ کے خطرے سے دوچار ہے‘‘۔ بہر حال افغانستان کا مسئلہ حل ہونے کی صورت میں امریکہ اور نہ ہی دیگر مغربی ممالک افغانستان میں ایک بنیاد پرست، انقلابی اسلامی حکومت سے نمٹنے کے لیے تیار ہوں گے۔ 

مسئلہ افغانستان میں اقوامِ متحدہ کا کیا کردار ہے؟
	یہ ایک مسلم حقیقت ہے کہ اقوامِ متحدہ ایک موثر طاقت کی غیر موجودگی میں افغانستان میں امن منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں ایک فیصلہ کن کردار ادا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔ افغانستان کی جنگ میں ملوث دھڑے نہ صرف زیادہ طاقتور ہیں بلکہ وہ حکومت کے مقابلے میں ملک کے بڑے حصے پر حکمرانی کر رہے ہیں۔ اور کابل سے چند میل کے فاصلے پر ہیں۔ 1988ء کے جنیوا معاہدات اور افغانستان سے روسی انخلاء سے لیکر آج تک اقوام متحدہ متعدد دفعہ افغان جنگ کے حل کے لیے کوششیں کر چکی ہے لیکن یہ کوششیں تا حال بار آور ثابت نہیں ہو سکیں۔ 

مستری مشن:
	12فروری 1994ء کو بطروس غالی (Boutros Ghali)نے تونس کے سابق وزیر خارجہ محمد مستری کو افغانستان میں اپنا خاص ایلچی نامزد کیا۔ محمد مستری نے عہدہ سنبھالتے ہی زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افغان عوام سے رابطے کئے اور افغانستان، پشاور اور کوئٹہ (پاکستان) کے پناہ گزین کیمپوں ، تہران، ریاض، جدہ (OICکے ہیڈ کوارٹرز) ماسکو، انقراء اور روم کے دورے کئے۔ روم میں انہوں نے افغانستان کے سابق بادشاہ ظاہر شاہ سے ملاقات کی۔ مستری نے ملک کے اندر اور ملک سے باہر ہر شعبۂ  زندگی سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات کے سامنے سفارشات رکھیں۔ ان معروف شخصیات کے ساتھ 19دنوں تک ملاقات کے مختلف دور چلے۔ یہ سلسلہ 29ستمبر 1994ء کو شروع ہوا جس میں اقوام متحدہ کے امن منصوبے کے نفاذ کی کوششوں ، ایک خود مختار نمائندہ کونسل کو طاقت کی فوری منتقلی، ملکی سطح پر جنگ بندی، کابل کے لیے حفاظتی فوج کی تعیناتی اور نومبر میں سکیورٹی کونسل اور دسمبر میں جنرل اسمبلی کی حمایت کے ساتھ لویہ جرگہ کا اجلاس منعقد کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں۔ 
	ربانی، مسعود اور دیگر افغان رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی تجاویز قبول کیں لیکن طالبان کے ملکی منظر نامے پر آنے سے انہوں نے اقوام متحدہ کی تمام امن کوششوں پر پانی پھیر دیا کیوں کہ طالبان نے ایک عبوری حکومت کی جانب سے مذاکرات کے عمل میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا۔ جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ربانی اور مسعود نے اقوامِ متحدہ کی غیر جانبدار طاقت کو اقتدار کی منتقلی سے متعلق اپنا سابقہ معاہدہ منسوخ کر دیا۔ مسئلہ افغانستان سے متعلق افغان عوام کی باہمی ہم آہنگی کی کمی کی وجہ سے اقوامِ متحدہ کے ایلچی محمد مستری کے امن اقدامات کسی نتیجے پر پہنچنے سے قبل ہی اختتام پذیر ہو گئے۔ بعد ازاں مستری نے اپنی امن کوششوں کی ناکامی کے لیے ربانی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ 
	اسی دوران طالبان نے افغان صدر کے خلاف جہاد کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا یہ واضح ہے کہ ہمارے پاس ربانی کو حکومت سے ہٹانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔‘‘ پاکستان میں امریکہ کے سفارتکار ٹامس سائمنز (Thomas Simons)نے اقوام متحدہ کے امن مشن کے بارے میں کہا تھا کہ یہ اقدام افغانستان میں امن لانے کے لیے سہل ترین طریقہ تھا مگر افغان رہنماؤں کو اس بات کا پختہ یقین تھا کہ جنگ کے سو ا اس مسئلے کا کوئی حل نہیں ہے۔ اس طریقے کے علاوہ مجھے افغانستان میں استحکام کے قیام کی کوئی امید نظر نہیں  آ رہی۔ مئی 1996ء میں محمد مستری افغان جنگی گروہوں کے درمیان مصالحتی کوششوں میں ناکامی کے بعد اپنے عہدے سے دو سال بعد مستعفی ہو گیا۔

نوربرٹ ہال کا مشن 
	محمد مستری کے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد بطروس غالی نے جون 1996ء میں جرمن سفارت کار نوربرٹ ہال (Norbert Holl)کو افغانستان میں اقوامِ متحدہ کا خصوصی اپلچی نامزد کیا۔ جولائی میں ہال نے متعدد افغان گروہوں کے مسئلہ افغانستان کے متعلق خیالات جاننے اور اقوام متحدہ کے ذریعے اس مسئلے کے حل کے لیے علاقے کا دورہ کیا۔ دورے کے اختتام پر اسلام آباد میں قیام کے دوران انہوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ۔ 
	’’میں مسئلہ افغانستان کے حل کی غرض سے ازسرنو کوششوں کا آغاز کروں گا۔ ابتداء میں حد سے زیادہ پر امید نہیں ہوں مگر میں وعدہ کرتا ہوں کہ میں اس مسئلے کے حل کی تلاش میں مایوس بھی نہیں ہوں گا۔ میں ایک پیشہ ور سفارتکار ہوں لیکن اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق ہمارا آج بھی یہ خیال ہے کہ ہم ایک غیر جانبدار طریقہ کار وضع کر سکتے ہیں جس کے لیے محمد مستری نے کوششیں کی تھیں۔‘‘ 
	اس سال کے اگست کے مہینے میں ہال نے ایک مرتبہ پھر خطے کا دورہ کیا اور کابل کے قریب باگرام کے فضائی بیس پر ملک میں جاری خانہ جنگی جو چار سال سے جاری تھی اور جس میں 45000قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ، کے پر امن حل کے لیے افغان نائب وزیر خارجہ عبدالرحیم غفور زئی سے ملاقات کی۔ اقوام متحدہ کے سیاسی امور کے انڈر سیکرٹری میرک گولڈنگ (Marrack Goluding)جو کہ افغانستان میں امن کی بحالی کے لیے سرگرم ہیں نے ستمبر 1996ء کے وسط میں افغانستان کا دورہ کیا اور حکومتی عہدے داروں سے بات چیت کی اور یہ شکایت ان کے گوش گزار کی کہ امن فارمولے کے نفاذ میں سب سے بڑی رکاوٹ افغان مخالف جماعتوں کی سیاسی گفت و شنید میں عدم دلچسپی ہے۔ انہوں نے طالبان سے بھی گزارش کی کہ وہ جنگ کے خاتمے کے لیے دوسری جماعتوں سے مذاکرات کی میز پر بیٹھے اور اس مسئلے کا حل تلاش کریں۔
	مگر بد قسمتی سے افغانستان میں امن کی بحالی کے امکانات بہت ہی دھندلے ہیں۔ امن تب ہی بحال ہو سکتا ہے جب تمام جماعتیں طاقت کی تقسیم کے فارمولے پر رضا مند ہو جائیں اور اس کی خلاف ورزی نہ کریں لیکن افغان عوام اس طرح کی مصلحت کے لیے تیار دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ خطے کی علاقائی طاقتوں کی حمایت بھی اہم ہے لیکن افغان جنگی جماعتوں کی طرح ان کے مابین اختلافات ہیں جو کہ امن کی بحالی کو پیچیدہ بنارہی ہیں۔ اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری بشمولِ امریکہ افغانستان کے مسئلے کے حل میں ایک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں لیکن ماضی کی طرح وہ آج بھی اس میں سنجیدہ نہیں ہیں اور افغانستان میں امن کے استحکام کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے سے گریزاں ہیں۔ 
٭٭٭


اختتامیہ  (الف)

طالبان کا ظہور
	1994ء کی گرمی کے موسم میں چند ایسے واقعات وقوع پذیر ہوئے جنہوں نے طالبان ملیشا جنگجوؤں کے ظہور کے لیے راہ ہموار کر دی۔ راہ زنوں نے پاکستان سے افغانستان کے راستے سنٹرل ایشیاء جانے والی اشیائے خورد ونوش کے ایک قافلے کو قندہار کے شمال میں روک لیا۔ قافلے کے مالکوں نے پاکستان سے درخواست کی کہ وہ قافلے کو راہ زنوں کے چنگل سے چھڑانے میں مدد کرے۔ حکومت پاکستان نے راہزنوں کے خلاف کارروائی کرنے اور قافلے کو چھڑوانے کے لیے پاک افغان سرحد پر موجود مذہبی مدارس میں زیر تعلیم افغان طلباء کو تیار کیا۔ ان طلبہ نے رہزنوں کے خلاف ایک کامیاب کارروائی کے بعد قافلے کو چھڑا لیا۔ 
	اس کارروائی کے دوران ان طالبان نے ایک مقامی کمانڈر کے ذاتی جیل میں قید خواتین کو اس کے چنگل سے چھڑوایا۔ یہ مذکورہ دو اہم واقعات تھے جن کی وجہ سے طالبان اتنے مقبول ہوئے کہ لوگ اُن کو اپنا نجات دہندہ تصور کرنے لگے۔ یہ طالبان اپنی مذہبی تعلیم مکمل کرنے پاکستان واپس نہیں گئے بلکہ انہوں نے سارے افغانستان کو بدعنوان اور موت کے بیوپاری مجاہدین سے پاک کرنے کا تہیہ کر لیا۔ طالبان ملیشا کے رہنماؤں نے بطور مجاہدین اپنی پوری جوانی جہاد میں گزار دی تھی لیکن جب مجاہدین کے دوسرے گروہوں نے چار سال پہلے حکومت پر قبضہ کیا اور اقتدار کے مزے لوٹنے اور مذہبی احکامات سے روگردانی کرنے لگے تو اس طرح وہ اسلام کی صراطِ مستقیم سے ہی منحرف ہو گئے۔ انہوں نے اپنے لوگوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور ان کے ساتھ غداری کرنے لگے۔ ایسے میں طالبان کے ساتھ ساتھ، اکثر افغانوں کے ذہنوں میں یہ سوال بار بار اٹھتا کہ اب جب قابل نفرت اور ظالم روسی افغانستان سے نکل گئے ہیں تو ان کو امن کیوں نصیب نہیں ہو رہا؟ اب طالبان کے سامنے ماسوائے اس راستے کے دوسرا کوئی چارہ نہیں رہا کہ وہ بدعنوان مجاہدین رہنماؤں کے خلاف جہاد کی طرف رجوع کریں۔ ابھی حال ہی میں انہوں نے ربانی فوج کو پسپا کر کے افغانستان کے دوسرے بڑے شہر قندہار پر قبضہ کر لیا ہے۔ اسکے بعد طالبان ملیشا نے صوبہ ننگرہار کے دارالخلافہ اور اہم مشرقی شہر جلال آباد پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔ افغانستان کے دیہاتی علاقوں میں تحریک طالبان زور پکڑ رہی ہے۔ اس وقت حالات ان حالات سے یکسر مختلف ہیں جب روسی افواج نے افغانستان پر حملہ کیا تھا تب ان کو دیہاتی علاقوں سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جبکہ شہری علاقوں نے روسی افواج کا خیر مقدم کیا تھا کیوں کہ PDPA کے اکثر حامیوں کا تعلق شہری علاقوں سے تھا۔ اب طالبان کے معاملے میں حالات بالکل برعکس ہوں گے۔ یہ بات قرین از قیاس نہیں ہے کہ ملک کے دیہاتی علاقے طالبان کا خیر مقدم کریں گے لیکن شہری علاقوں میں ان کو اسی نوعیت کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا جس طرح روس کو افغانستان پر حملے کے وقت دیہاتی علاقوں سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اطلاعات ہیں کہ اس وقت طالبان ملیشا کابل کی طرف پیش قدمی کر رہی ہے لیکن ان کو ربانی اور حکمت یار کے افواج سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 
	ستمبر 1996ء کے آخری ہفتے کے دوران افغانستان کے عسکری و سیاسی منظر نامے پر کچھ ڈرامائی واقعات وقوع پذیر ہو رہے تھے۔ طالبان ملیشا نے صدر برہان الدین ربانی کے وفاداروں کے گڑھ جلال آباد شہر پر بھی قبضہ کر لیا۔ جو کہ کابل کے مشرق میں تقریباً 100کلومیٹر (60میل) کے فاصلے پر واقع ہے۔ جلال آباد کے بعد طالبان نے جنگی لحاظ سے ایک اور اہم قصبے سروبی کا کنٹرول حاصل کر لیا۔ یہ قصبہ کابل کے مشرق میں 60کلومیٹر (40میل) کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ وزیر اعظم حکمت یار کی افواج کا گڑھ تھا جو کہ جلال آباد اور کابل کے بیچ واقع ہے۔ طالبان ملیشا جو کہ پہلے ہی سے آدھے ملک پر قابض ہے نے قندہار، جلال آباد اور سروبی جیسے جنگی لحاظ سے اہم علاقوں پر قبضہ کرنے کے بعد اپنی طاقت کو مزید مستحکم کر لیا ہے۔ 

سقوطِ کابل اور ڈاکٹر نجیب کی تختہ داری
	26اور 27دسمبر 1996ء کی درمیانی رات طالبان ملیشا نے افغانستان کے دارالخلافے کابل پر قبضہ کر لیا۔ افغانستان کے صدر برہان الدین ربانی، وزیر اعظم گلبدین حکمت یار اور فوج کے اعلیٰ عہدیدار احمد شاہ مسعود کابل سے فرار ہوکر جبل سراج یا پنج شیر کی وادی میں روپوش ہو گئے۔ جبکہ طالبان اسلامی ملیشا نے کابل میں ایک اسلامی حکومت کا اعلان کر دیا اور  پہلی فرصت میں افغانستان کے سابق صدر ڈاکٹر محمد نجیب اللہ اور ان کے بھائی شاہ پور احمد زئی کو تختہ دار پر چڑھا دیا۔ 
	نجیب اللہ اور ان کے بھائی کی لاشوں کو عام نظارے کے لیے صدارتی محل کے داخلی دروازوں پر نصب ستونوں پر لٹکا دیا گیا۔ اس قتل پر طالبان کو عالمی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اس واقعہ کی شدید مذمت کی گئی۔ 


طالبان کے اغراض و مقاصد:
	ملا محمد عمر تحریک طالبان کے رہنما ہیں جن کا مقصد افغانستان میں بحالئی امن اور ملک میں ایک اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔ دی نیوز انٹرنیشنل لندن کے پاکستان میں نمائندے رحیم اللہ یوسفزئی کے ساتھ اپنی نوعیت کے ایک منفرد انٹرویو کے دوران ملا عمر نے ان الفاظ میں تحریک طالبان کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔
	’’اُن لوگوں کے خلاف لڑنا جہاد ہے جنہوں نے افغان عوام پر ظلم ڈھائے اور جنہوں نے اسلامی تعلیمات کی خلاف ورزی کی۔ اور وہ جہاد آج ہم کر رہے ہیں۔ میں جہاد کے نا مکمل ایجنڈے کی پایہ تکمیل تک پہنچنے اور شہداء کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہوں۔ طالبان اس وقت تک لڑیں گے جب تک افغانستان میں معصوموں کا خون بہانا بند نہیں ہو جاتا اور اسلام لوگوں کی زندگی کا نصب العین نہیں بن جاتا۔‘‘ 
	آج افغانستان کے حالات بہت پیچیدہ رُخ اختیار کر چکے ہیں اور طالبان اور مسعود دوستم کی افواج کے درمیان لڑائی بدستور جاری ہے جس میں نہ تو طالبان اور نہ ہی مسعود دوستم فتح کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔ میرے خیال میں اس لڑائی میں کوئی بھی فریق دعویٰ نہیں کر سکتا کیوں کہ افغان جنگ میں ہمسایہ ممالک ملوث ہیں۔ افغانستان کو اور خصوصاً اس کے شمالی حصے کو ایک نازک اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ اس مشکل صورت حال کا کچھ بھی نتیجہ نکل سکتا ہے۔ خواہ سیاسی حلقوں کا جھکاؤ کسی بھی جانب ہو اور جنگ میں کسی کا بھی پلہ بھاری ہو لیکن مخالف قوتیں طالبان ملیشا سے دارالخلافہ واپس لینے کے لیے گھمسان کی لڑائی جاری رکھی ہوئی ہیں۔ 
افغانستان: مستقبل کا میدانِ جنگ
	افغانستان میں دو مختلف اتحادی گروہ ایک دوسرے کا سامنا کرنے کے لیے اتریں گے۔ ان میں سے کچھ اتحادی مقامی ہیں اور کچھ بیرونی۔ ایک اتحادی طاقت روس، وسطی ایشیائی ریاستوں ، ایران ہندوستان اور ربانی کی محروم حکومت کی فوج پر مشتمل ہو گی جبکہ دوسرا اتحادی طاقت امریکہ، پاکستان، سعودی عرب اور اس کے خلیجی حلیف اور طالبان ملیشا پر مشتمل ہو گی۔ افغانستان کی سرزمین پر یہ ساری گروہ بندیاں اور اُن کے مفادات پہلے ہی سے اس بدنصیب ملک کے مایوس کن اور غیر یقینی صورتحال کو مزید گھمبیر کر دیں گی۔ 
	طالبان، مسعود اور دوستم طاقتوں کے مابین جاری جنگ یا تو کسی ایک حلیف کے فنا ہونے پر ختم ہو گی یا افغانستان کو میدان جنگ میں تبدیل کر دے گا یا پھر مقامی اور غیر مقامی طاقتوں کی زور آزمائی کی لیبارٹری بن کر رہ جائے گا۔ حالیہ پراکسی جنگ جاری رہے گی لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ آخر میں عالمی طاقتیں خود افغانستان کے اکھاڑے میں ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزمائی کے لیے اتریں۔ میرے خیال میں افغانستان مقامی طاقتوں کے لیے میدان جنگ میں تبدیل ہو جائے گا کیوں کہ قریباً تمام طاقتیں کسی نہ کسی دُشمن کی تلاش میں ہیں یا ایک دوسرے سے بدلہ لینے کے لیے افغانستان کی سرزمین کو بطور میدان جنگ استعمال کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ جس طرح روس اور امریکہ نے کیا۔ 

روس
	افغانستان کے دارالخلافے اور22 سے زیادہ صوبوں پر طالبان ملیشا کے قبضے کی وجہ سے روس کو تشویش اور پریشانی لاحق ہے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ طالبان کے سنی اسلامی نظریات خطے اور خاص کر وسطی ایشیائی ریاستوں میں پھیل جائیں جنہیں آج بھی روس کی سرپرستی حاصل ہے۔ ماسکو میں جو تشویش پائی جا رہی ہے وہ طالبان کی کامیابی ہے جس کی وجہ سے افغانستان میں طاقت کا توازن بگڑ چکا ہے اور جس کی وجہ سے تاجکستان میں جنگ کے شعلے بھڑکنے کا خدشہ ایک بار پھر پیدا ہو گیا ہے۔ افغانستان سے تعلق رکھنے والے اسلامی باغیوں کے حملوں کو روکنے کے لیے روس کے ہزاروں فوجی دستے پہلے ہی سے تاجکستان کی سرحد پر موجود ہیں۔ صدر یلسن نے اس موقعہ پر کہا کہ’’ تاجکستان کی سرحد دراصل روس کی سرحد ہے‘‘۔ تمام وسطی ایشیائی ریاستوں سمیت روس کو یہ خدشہ ہے کہ اگر سرحد کے اُس پار سے ان کے خلاف جہاد کا آغاز کیا گیا تو ان کی نومولود آزادی اس کے سامنے زیادہ دیر تک نہیں ٹک سکے گی۔
	روس کو جو سب سے گہری تشویش ہے وہ ہے امریکہ اور پاکستان کی طرف سے مجاہدین کی بھر پور حمایت اور امداد کیوں کہ ان دونوں اتحادیوں نے افغانستان پر روسی حملے کے وقت مجاہدین کو روس کے خلاف لڑنے کے لیے اسلحہ سمیت ہر قسم کی امداد فراہم کی تھی۔ روس اب منی گریٹ گیم سے باہر نہیں ہونا چاہتا۔ روس کل بھی ربانی حکومت کی اعانت کر رہا تھا اور آج بھی کر رہا ہے کیوں کہ طالبان دونوں کے مشترکہ دشمن ہیں۔ 

وسطی ایشیائی ریاستیں
	ان دنوں دو اہم مقامات وادی پنج شیر (جہاں پر ربانی حکومت کے سابق کمانڈر مسعود کا ہیڈ کوارٹر ہے) اور مزار شریف (دوستم کا ہیڈ کوارٹر) افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے مابین بفر زون (Buffer Zone)بنے ہوئے ہیں۔ طالبان کی سنی اور اسلامی بنیاد پرستانہ نظریات کو خطے میں پھیلنے سے روکنے کے لیے وسطی ایشیائی ریاستیں شاید اس علاقے کو ایک لمبے عرصے کے لیے اس حالت میں دیکھنا چاہتے ہیں کیوں کہ ان نومولود خود مختار ریاستوں نے پہلے سے ہی اسلامی جماعتوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ اُن کو تشویش لاحق ہو گئی ہے کہ اگر طالبان ملیشا افغانستان میں جنگ جیتتی ہے تو یہ ان کی ریاستوں میں اسلامی تحریکیں برپا کر سکتی ہے جو کہ ان کی نئی آزادی اور خودمختاری کو خطرے سے دوچار کر سکتی ہے یا کم از کم ان کی ریاستوں کے موجودہ سیاسی اور معاشی ڈھانچے میں خلل ڈال سکتی ہے۔ لہٰذا یہ ریاستیں خصوصاً تاجکستان اور ازبکستان مسعود دوستم کے فوجوں کی حمایت کریں گی کیوں کہ مسعود تاجک جبکہ دوستم ازبک ہے۔ 

چین
	وسطی ایشیائی مسلم ریاستوں کی طرح چین کو بھی یہی خدشہ لاحق ہے کہ طالبان کا اسلامی نظریہ چین کے صوبے سنکیانگ (Xinjiang)میں سر اٹھا سکتا ہے جہاں پر یوگور ترک نسل مسلمانوں کی اکثریت ہے۔ یہ مسلمان پہلے ہی سے ایک خودمختار ریاست کا مطالبہ کر رہے ہیں اور انہوں نے 1944ء میں ’’ترکستان‘‘ کے نام سے ایک خودمختار ریاست کا اعلان بھی کیا تھا اگر چہ یہ ریاست زیادہ عرصے تک قائم نہیں رہ سکی۔ فروری 1997ء میں سنکیانگ صوبے میں یوگور (Uighurs)ترک مسلمانوں نے وسیع پیمانے پر پُر تشدد مظاہرے شروع کئے۔ ان مسلمانوں کی شہ پر قازقستان(Khazakhstan) کے مسلمان تنظیمیں ہیں جن کے افغانستان کے طالبان سے رابطے ہیں۔ چین کی حکومت نے طالبان پر الزام لگایا ہے کہ وہ چین کے صوبے سنکیانگ کے علیحدگی پسندوں کی مدد کر رہے ہیں۔
	اگر آنے والے دنوں میں ایسا ہو کہ طالبان افغانستان کے بلا شرکت غیرے آقا بن جاتے ہیں تو وہ فوراً وسطی ایشیائی ریاستوں اور چین کے ان حصوں میں اپنے طرز کا اسلام پہنچائیں گے جہاں پر مسلمانوں کو کھلے عام اپنے مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آزادی حاصل نہیں ہے۔ 

ایران
	ایران افغانستان کی جنگ میں مستقبل میں بھی وہی کردار ادا کرے گا جو وہ آج ادا کر رہا ہے۔ ایران افغانستان میں سابق صدر برہان الدین ربانی کی حکومت کی بحالی کے لیے ربانی فوج کے سابق کمانڈر احمد شاہ مسعود کی افواج کو طالبان ملیشا کے خلاف لڑنے کے لیے امداد پہنچا رہا ہے۔ ابراہیم خلیلی افغانستان میں شیعہ برادری کے رہنما ہیں اور خطے میں ایران کے مفادات کا محافظ ہے۔ ایران افغانستان میں شیعہ اسلامی حکومت قائم کرنے کا خواہش مند ہے جو خطے میں ایرانی مفادات کا خیال رکھے۔ اس غرض سے ایران طالبان سنی اسلامی ملیشا کو شکست دینے کے لیے کھلے عام مسعود اور دوستم کی مدد کر رہا ہے۔ افغانستان میں اپنی اپنی پسند کی حکومت قائم کرنے پر پاکستان اور ایران کے درمیان اختلافات بڑھ سکتے ہیں۔ دونوں ممالک کی تاریخ میں یہ پہلی دفعہ ہو رہا ہے کہ پاکستان اور ایران افغانستان میں ہم خیال گروہ بندی کے معاملے پر ایک دوسرے کے خلاف صف آراء ہو گئے ہیں حالاں کہ افغانستان پر روسی حملے کے وقت دونوں ممالک روس کے خلاف جہاد میں افغان مجاہدین کی حمایت میں پیش پیش تھے۔ ایران پاکستان کو امریکہ اور سعودی عرب کا قریبی اتحادی سمجھتا ہے اور اسے یہ تشویش لاحق ہے کہ اگر طالبان افغانستان میں مستحکم ہو جاتے ہیں تو خطے میں سنی طرز کا اسلام پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ 
	یہی وجہ ہے کہ ایران روس، وسطی ایشیائی ریاستوں حتیٰ کہ ہندوستان کے ساتھ اپنے مراسم مضبوط بنا رہا ہے کہ اس طرح اس کی حیثیت مزید مستحکم ہو گی جس سے پاکستان اس سے ہمیشہ دباؤ میں رہے گا۔ ایران نے پاکستان پر یہ الزام بھی لگایا ہے کہ خطے میں ایران کے اثر و رسوخ کو زچ پہنچانے کی غرض سے پاکستان نے امریکہ کی معاونت اور سعودی عرب کے سرمایے سے طالبان ملیشا کو پروان چڑھایا ہے۔ ایران تیل سے مالا مال وسطی ایشیائی خطے کے معدنی ذخائر باالخصوص خشکی میں محصور علاقوں سے تیل اور گیس کی ترسیلی راستوں پر اپنا تسلط قائم کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ 
	ایران نے 29اکتوبر 1996ء کو افغانستان میں امن کی بحالی پر ایک کانفرنس بلائی لیکن پاکستان نے اس کانفرنس کے ایجنڈے اور شرکاء کی فہرست جس میں ہندوستان بھی شامل تھا، پر احتجاج کرنے کے بعد شرکت کی دعوت مسترد کر دی ہے۔ یہ کانفرنس اہم شرکاء پاکستان، سعودی عرب اور مختلف افغان گروہوں کی عدم شرکت کی وجہ سے ناکام ہو چکی ہے۔ اس کانفرنس کے ناکامی کے بعد ایران نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تنازعہ کشمیر پر اپنا نقطہ نظر تبدیل کر دیا ہے۔ اس کانفرنس کے دوران ایرانی پارلیمنٹ کی خارجہ پالیسی کمیشن کے نائب چیئرمین محمد جواد لاریانی نے ہندوستانی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’کشمیری مسلمانوں کو ہندوستان جیسے بڑے خاندان (ملک) میں زندگی بسر کرنی چاہئے۔‘‘ یہ بیان کشمیر کے متعلق ایرانی پالیسی اور افغانستان کے مسئلے پر پاکستان ایران تعلقات میں اختلافات ظاہر کرتا ہے۔ 
	اگر پاکستان ایران تعلقات مزید ابتر ہو جاتے ہیں تو یہ پاکستان کی دوسری بڑی مذہبی فرقے سے تعلق رکھنے والی شیعہ برادری کو ضرور متاثر کرے گی۔ کیوں کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان میں شیعہ اور سنی فرقوں کے درمیان تعلقات کبھی بھی خوشگوار نہیں رہے اور یہ بات بعید ا ز قیاس نہیں کہ ایران اپنے مفادات کے لیے ان اختلافات کا غلط استعمال کرے گا۔ 


ہندوستان
	افغانستان جو کہ آج کل عالمی طاقتوں کے لیے میدان جنگ بنا ہوا ہے امریکہ اور سعودی عرب کی طرح ہندوستان بھی اس پر لڑنے والا ایک بیرونی حریف ہے۔ ہندوستان جنوبی ایشیاء کا وہ واحد ملک تھا جس نے 1979ء کی افغانستان پر روسی حملے کی مخالفت نہیں کی تھی اور بیسویں صدی کی اَسی کی دہائی میں افغانستان پر کٹھ پتلی اشتراکی حکومت کی حمایت کی۔ حال ہی میں ہندوستان نے افغانستان کے اقتدار سے محروم صدر ربانی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے اور اپنے دیرینہ دشمن پاکستان کو کمزور بنانے کے لیے ایران اور روس کے ساتھ اتحاد بنا لیا ہے۔ 
	ہندوستان کو یہ دھڑکا لگا ہوا ہے کہ طالبان اسلامی تحریک کشمیر میں سرائیت کر سکتی ہے اور کشمیر کی تحریک آزادی کو تقویت پہنچا سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستان کسی بھی قیمت پر یہ نہیں چاہتا کہ تحریک طالبان تمام افغانستان پر قابض ہو جائے اور پھر پاکستان خطے میں ایک نمایاں کردار ادا کرے۔ ایران کی طرح ہندوستان کا بھی طالبان کے متعلق یہی موقف ہے کہ پاکستان طالبان ملیشا کی مدد کر رہا ہے اور ان کو جدید اسلحہ فراہم کر رہا ہے۔ پاکستان اور ہندوستان اپنی دیرینہ دشمنی افغانستان کی سرزمین تک لائیں گے اور مزید افغانی عوام کا خون بہا کر ایک دوسرے سے بدلہ لیں گے۔ اگر مستقبل میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان پختونستان کا تنازعہ سر اُٹھاتا ہے تو ہندوستان اس مسئلے کو ضرور اپنے مفادات کے لیے استعمال کرے گا اور پاکستان کے شمال مغربی سرحدی صوبے (خیبر پختون خوا) کے برائے نام قومیت پسند تحریک کے رہنماؤں سے اپنے از سرِ نو رابطے بحال کرے گا۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اس کا فیصلہ وقت کرے کہ اگر افغانستان نسلی بنیادوں پر تقسیم ہوتا ہے تو پھر پاکستان کے صوبہ سرحد کے پشتون بھی اپنی خود مختاری کا مطالبہ کر دیں۔ 

پاکستان
	دوسری جانب پاکستان امریکہ اور سعودی عرب کے باہمی تعاون سے طالبان اسلامی ملیشا کی مدد کر رہا ہے اور مستقبل میں بھی کرتا رہے گا۔ پاکستان کے اپنے مفادات ہیں اور چاہتا ہے کہ طالبان مسعود اور دوستم کے خلاف جنگ جیتیں۔ اگر ایک طرف پاکستان وسطی ایشیائی خطے کی تجارتی منڈی پر قابض ہونے کے لیے وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی کے لیے ایک مختصر زمینی راستے کا متمنی ہے تو دوسری جانب پاکستان افغانستان میں ایک پشتون سنی حکمران کا خواہشمند بھی ہے کیوں کہ پاکستان کی اکثریتی آبادی سنی ہے اور پاکستان کے خیبر پختون خوا کے ساتھ رہنے والے پشتونوں کی اکثریت بھی سنی مسلمانوں پر مشتمل ہے۔ پاکستان طالبان کے اسلامی ملیشا کو مسلح کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں افغان جنگ جتوانے کی غرض سے جغرافیائی اور ترسیلی اعانت بھی فراہم کر رہا ہے تاکہ پاکستان کی خواہشات کے عین مطابق افغانستان کے راستے وسطی ایشیائی ریاستوں تک ایک آسان اور مختصر زمینی راستہ پاکستان کے ہاتھ آ جائے۔ 

امریکہ اور سعودی عرب
	طالبان کے ساتھ امریکہ اور سعودی عرب کی معاونت اور ہمدردی کی دو اہم وجوہات ہیں :۔ اوّل، امریکہ اور سعودی عرب خطے میں تیل کے ذخائر دریافت کرنے کے لیے وسطی ایشیائی ریاستوں میں تیل کی کمپنیاں قائم کرنا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے اور اس خطے میں آنے والے وقتوں میں تیل اور گیس کے ترسیلی پائپ لائنز بچھانے کے لیے ایک مستحکم اور پرامن سنی افغانستان کے خواہاں ہیں۔ ان دونوں ممالک کے اس خطے سے تجارتی اور معاشی مفادات وابستہ ہیں۔ دوم، افغانستان میں ایک سنی حکومت کی بدولت دونوں ممالک کے اس خطے سے جڑے سیاسی مفادات، ایران کا خطے میں مذہبی و سیاسی مفادات کو محدود رکھنا ہے کیوں کہ یہ دونوں ممالک عراق کے بعد ایران کو اپنا بد ترین دشمن سمجھتے ہیں۔ امریکہ ایران کے بنیاد پرستانہ اور انقلابی پالیسیوں اور بین الاقوامی معاملات میں اس کی شیعہ بنیاد پرستانہ ذہنیت کی بنیاد پر طالبان کی سنی اسلامی تحریک کی مدد کرنے پر مجبور ہے کیوں کہ سنی مسلمان عموماً شیعہ مسلمانوں کے ساتھ شدید اختلافات رکھتے ہیں اور مستقبل میں خطے میں ایرانی اثر و رسوخ کی راہ میں رکاوٹ حائل کر سکتے ہیں۔ 

افغانستان کی حالیہ صورتحال میں اقوام متحدہ کا کردار :
	اقوامِ متحدہ کے پاس افغانستان میں اپنا امن فارمولہ نافذ کرنے کے لیے کوئی خودمختار ذریعہ نہیں ہے۔ اس کے پاس امریکہ اور اس کے اتحادی ملکوں کی مدد کے علاوہ ایک رکن ریاست کو دوسرے رکن ریاست پر حملہ سے روکنے کے لیے کوئی فوجی طاقت موجود نہیں ہے۔ یہ بات واضح ہے کہ اقوامِ متحدہ افغانستان میں خانہ جنگی کے خاتمے میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ افغانستان میں علاقائی اور بیرونی طاقتوں کے مفادات کے تصادم نے اقوام متحدہ کو تا حال افغانستان میں بطور امن دہندہ کے کردار ادا کرنے سے قاصر رکھا ہے۔ یہ صورتحال مکمل طور پر مایوس کن ہے کیوں کہ اس تباہ کن کھیل میں ملوث ہر حریف امن قائم ہونے میں قطعی دلچسپی نہیں رکھتا ماسوائے اس صورت میں جب امن میں ان کا اپنا کوئی مفاد پورا ہوتا ہو اور یہی بات اس جنگ کو طول دے رہی ہے کہ کسی نہ کسی دن ان کے مفادات حاصل ہو جائیں گے۔ موجودہ صورتحال میں ایک بھی حریف فیصلہ کن جیت کی حالت میں نظر نہیں آ رہا اور نہ اقوام متحدہ کے تجویز کردہ امن فارمولے سے مطمئن دکھائی دے رہا ہے۔ 


اختتامیہ (ب)

افغانستان کی حالیہ صورتحال میں ڈرامائی تبدیلیاں
	19مئی 1997ء کو چند ایک نئے واقعات رونما ہوئے تھے۔ ان میں سے ایک  عبدالرشید دوستم کے ایک جرنیل عبدالمالک کا طالبان اسلامی ملیشا سے جا ملنا تھا۔ جس نے رشید دوستم کو ترکی کے راستے ازبکستان بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ مالک کی افواج نے ملک کے چار شمالی صوبوں فریاب، سمنگان، جوز جان اور مزار شریف کے دار الخلافے بلخ میں بغاوت کا آغاز کیا۔ طالبان کے چوٹی کے رہنما ملا محمد عمر نے اس موقع پر کہا تھا کہ ’’ازبک نژاد دوستم اور سابق حکومت کے ملٹری چیف احمد شاہ مسعود افغانستان میں مزید خون بہانا اور لوگوں کو بے وقوف بنانا بند کر دے۔ انہیں چاہئے کہ وہ خود کو اسلامی (طالبان) حکومت کے حوالے کر دے۔ اگر وہ پھر بھی خون بہانا اور عوام کی دولت اُڑانا جاری رکھتے ہیں تو ان کے خلاف اسلامی عدالت میں فیصلہ سنایا جائے گا۔ 
	24مئی 1997ء کو طالبان اسلامی ملیشا نے ملک کے شمالی شہر مزار شریف جو کہ مخالف رہنما جنرل عبدالرشید دوستم کا مضبوط گڑھ ہے،میں داخل ہوئے لیکن وہ شیعہ مخالفین کے مشرقی محاذ میں گھسنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ اس محاذ پر ناکامی نے تا حال ان کی پیش قدمی اور افغانستان پر مکمل قبضے کو روک رکھا ہے۔ مالک جو مئی کے آخری ہفتے میں دوستم کے گروہ سے علیحدہ ہو گیا تھا طالبان اسلامی ملیشا کو شہر میں داخل ہونے میں مدد فراہم کر رہا تھا لیکن وہ ایک دفعہ پھر گرگٹ کی طرح بدل گیا اور طالبان کو شہر سے پرے دھکیل دیا۔ 

طالبان کی اسلامی حکومت کو تسلیم کرنا:
	25مئی 1997ء کو پاکستان دنیا کا وہ پہلا ملک بنا جس نے افغان طالبان حکومت کو تسلیم کیا۔ پاکستان کے وزیر خارجہ گوہر ایوب خان نے اس موقع پر کہا تھا ’’ہمارا یہ خیال ہے کہ طالبان کی نئی حکومت تسلیم کئے جانے کے تمام تقاضے پورے کرتی ہے۔‘‘ جبکہ سرحد کے اس پار روس، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کی تشویش میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ ان ممالک نے طالبان کو تنبیہ کی ہے کہ وہ اپنے نظریات کا پرچار افغانستان کے اندر تک ہی محدود رکھیں۔ پاکستان نے افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم کرنے میں جلد بازی کا مظاہرہ ترکمانستان، افغانستان اور پاکستان کے مابین تیل اور گیس کے پائپ لائنز بچھانے کے لیے کیا تاکہ اس منصوبے کا آغاز رواں سال کیا جا سکے۔ پاکستان نے اس مد میں پہلے ہی سے دو کمپنیوں یونیکال (UNICOL)اور ڈیلٹا (DELTA)کے ساتھ ان منصوبوں پر دستخط کر رکھے ہیں۔
	حکومت پاکستان کا یہ خواب ہے کہ ملک میں وسطی ایشیائی ریاستوں سے تیل اور گیس کی فراوانی ہو اور افغانستان کے راستے ان مسلم ریاستوں کے ساتھ تجارت کے لیے ایک زمینی راستہ قائم ہو۔ اس خواب کے پورا ہونے میں ابھی کچھ وقت ہے کیوں کہ افغان طالبان ملک کے شمال میں اپنی حیثیت مستحکم نہیں کر سکے ہیں۔ یعنی وہ ابھی پورے ملک پر قبضہ حاصل نہیں کر سکے ہیں کیوں کہ وہ احمد شاہ مسعود کی جانب سے بھرپور مزاحمت کا سامنا کر رہے ہیں۔ پاکستان کے بعد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم کیا مگر ایران اور ہندوستان جیسے علاقائی اور بیرونی ممالک افغانستان کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے تھے جو کہ تا حال غیر واضح ہے اور کوئی بھی وثوق سے نہیں کہہ سکتا کہ کون افغانستان کا حقیقی فاتح ہو گا طالبان یا ان کے مخالفین۔اقوام متحدہ جس کے نمائندے جو بغیر کسی تحسین سے بالا تر اس مسئلے کا ثالثی حل تلاش کر رہے ہیں افغانستان میں ایک وسیع البنیاد حکومت کے قیام کے خواہش مند ہیں جو کہ افغانستان کے تمام نسلی، مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی نمائندگی کرے۔ 
٭٭٭



دوسرا حصہ
(افغانستان اور پاکستان کی صورت حال پر مضامین)



افغانستان کی خانہ جنگی ہمسایہ ممالک پر اثرانداز ہو رہی ہے 

	افغانستان میں رو نما ہونے والے حالیہ واقعات سے اندازہ ہوتا ہے کہ جس طرح طالبان مزار شریف میں فاتح کی طرح داخل ہوئے، اسی طرح تقریباً تمام امن پسند مسلمانوں نے سکھ کا سانس لیا کہ شاید اب افغانستان میں طالبان کی مکمل حکمرانی سے امن بھی سارے افغانستان میں پھیل جائے گا۔ لیکن بد قسمتی سے کچھ طالبان کی غلط پالیسی اور کچھ عبدالمالک کی وفاداری کی تبدیلی سے حالات نے بہت تیزی سے پلٹا کھایا اور کسی کے وہم و خیال میں بھی نہیں تھا کہ طالبان جس تیزی سے مزار شریف میں داخل ہوئے تھے، اس سے زیادہ تیز رفتاری کے ساتھ پسپا ہوں گے۔ اب تو حالات کچھ اس قسم کی غمازی کر رہے ہیں کہ امن تو تقریباً مستقبل قریب میں افغانستان سے اوجھل ہو گیا۔ اب تو بس وہی پرانی قبائلی طرز کی قوم کے نام پر چھوٹی چھوٹی اور کبھی بڑی لڑائیاں لڑی جائیں گی۔ کبھی طالبان آگے جائیں گے اور کبھی پیچھے اس طرح کبھی مسعود اور دوسرے طالبان مخالف افواج صبح ایک علاقے پر قبضہ کریں گے تو شام تک اس سے پسپا ہو گئی ہوں گی اور اس کے ساتھ ساتھ علاقائی طاقتیں اپنے مفادات کے لیے ان کو اتنا ہی اسلحہ دیں گی جس پر افغانستان کے متحارب گروپوں کی جنگ جاری رہے۔ اس سے کوئی بھی گروپ فیصلہ کن حد تک جنگ نہیں جیت سکتا۔ حالیہ آثار سے پتہ چلتا ہے کہ افغانستان میں اب نہ ختم ہونے والی لڑائی شروع ہو گئی ہے جس میں نہ کوئی فاتح ہو سکتا ہے اور نہ کوئی مفتوح۔ اگر خدا نخواستہ افغانستان کی اندرونی خانہ جنگی نے قومیت کے نام پر لڑنے والی جنگ کی شکل اختیار کر لی تو پھر اس میں بہت سی علاقائی طاقتیں اپنی اپنی قوم کی مدد اور مفاد کے لیے کود پڑیں گی اور افغانستان ایک ایسا میدان جنگ بن جائے گا جہاں ہر علاقائی طاقت پہلے مفاد سے ٹکرانے والی دوسری علاقائی طاقت سے بدلہ اسی میدان میں لے گا۔ اب آہستہ آہستہ سب پر ایران اور پاکستان کے تعلقات میں کھچاؤ افغانستان کے تناظر میں آشکارا ہو رہا ہے۔ یہی کہ ایران نہیں چاہتا کہ افغانستان میں طالبان کی مکمل حکمرانی قائم ہو جائے۔ 
	ایک تو یہ ان کے عقائد سے ہم آہنگ نہیں اور دوسرا یہ کہ افغانستان میں ایران اپنے کسی فرمانبردار یعنی برہان الدین ربانی، احمد شاہ مسعود یا کریم خلیلی کو حکمران دیکھنا چاہتا ہے تاکہ ایران کے مفادات کی نگرانی کرے۔ اور یہ کہ وسط ایشیاء کی ریاستوں کے ساتھ بے خوف و خطر تجارت بھی کرے اور افغانستان اور گرد و پیش کی نو آزاد ریاستوں میں اپنی سیاسی، معاشی اور مذہبی بقاء بھی چاہتا ہے۔ وہ سفارتی سطح پر نہ تو پاکستان سے تعلقات خراب کرنا چاہتا ہے اور نہ علاقے میں موجود اپنے مفادات سے پیچھے ہٹ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ایران آج کل بھارت کی طرف جھک گیا ہے اور وسط ایشیاء کے ممالک میں سفارتی کوششوں میں بھی وہ پاکستان سے زیادہ سرگرم ہے اور کسی حد تک کامیاب بھی ہے۔ 
	ستمبر 1994ء میں جب طالبان نے افغانستان کے تقریباً دو تہائی علاقے پر حکمرانی کا آغاز کیا (بشمول کابل) تو بھی ایران افغانستان کے معزل صدر اور وزیر اعظم کو ہی افغانستان کی حکمرانی کا حقدار سمجھتا تھا اور اب تک اس کا یہی نظریہ بر قرار ہے اور ان کی ہر قسم کی امداد بھی کر رہا ہے۔ یعنی افغانستان کے اندر اپنے سفارتخانہ کے ذریعے اور باہر اقوام متحدہ اور دوسرے ذیلی اداروں اور اسلامی ممالک کی تنظیم کے ذریعے برہان الدین ربانی کی سیاسی و سفارتی امداد کر رہا ہے۔ اسی لیے تو طالبان نے ایران کے سفارتخانہ کو مکمل طور پر بند کرنے اور اس کے سفارتی عملے کو ملک سے نکلنے کا حکم دیا کیوں کہ بعض اطلاعات کے مطابق ایرانی سفارتخانہ سے اسلحہ طالبان کے مخالفین یعنی کریم خلیلی کے آدمیوں کو سپلائی ہو رہا تھا جبکہ دوسری طرف پاکستان طالبان کی اس وقت سے امداد کر رہا ہے جب طالبان نے پاکستان کے ایک تجارتی قافلے کو 1994ء میں افغانستان کے اس وقت کے حکمرانوں کے چنگل سے آزاد کرایا تھا۔ یہ قافلہ وسط ایشیاء جا رہا تھا۔ 
	افغانستان کے لیے پاکستان کی کسی بھی حکومت کی 1979ء سے لے کر اب تک اپنی کوئی پالیسی نہیں رہی جبکہ جو پالیسی آئی ایس آئی (ISI)نے جہاد افغانستان کے نام سے بنائی تھی وہی اب بھی بر قرار ہے۔ اس میں صرف ضرورت کے وقت کردار تبدیل کئے جاتے ہیں۔ 
	اب رہا یہ سوال کہ پاکستان افغان طالبان کی امداد کیوں کر رہا ہے؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ طالبان ایک تو سنی مسلمان ہیں اور پاکستان میں اکثریت سنی مسلمانوں کی ہے۔ دوسری یہ کہ طالبان پشتون ہیں اور پاکستان کے صوبہ سرحد کے اسلامی مدرسوں کے طلبہ اور بعض ان سے فارغ التحصیل ہیں۔ سرحد (خیبر پختون خوا) پاکستان کا وہ صوبہ ہے جہاں لوگ پختون ولی اور مسلمان ہونے پر فخر بھی کرتے ہیں اور اگر پختون ولی اور اسلام کے نام پر دھبہ لگ جائے تو اس کے مٹانے کے لیے جان کی بازی لگاتے ہیں۔ تو اسی مناسبت سے صوبہ سرحد (پختون خوا) کے لوگوں کی پہلے تو یہی خواہش ہو گی کہ افغانستان میں امن قائم ہو جائے اور پھر ان کی یہ بھی خواہش ہو گی کہ اگر افغانستان میں کوئی حکمرانی کے لائق اور حقدار ہے۔ تو وہ صرف یہی پشتون افغان طالبان ہیں کیوں کہ دونوں جانب ان کے درمیان صرف ڈیورنڈ لائن حائل ہے جس کا دونوں اطراف کے پشتونوں نے کبھی کوئی خیال نہیں رکھا اور آزادانہ ایک دوسرے کے علاقوں میں آتے جاتے رہے ہیں۔ اور اب بھی طالبان کی مکمل حکمرانی قائم ہو جائے تو ان کی پرانی یادیں تازہ ہو جائیں گی اور وہ دوبارہ بلا خوف و خطر دونوں طرف آزادی سے آتے جاتے رہیں گے۔ جس سے دونوں ممالک کے تعلقات بھی اچھے رہیں گے اور تاجر پیشہ لوگوں کو سنٹرل ایشیا تک جانے کا آسان راستہ بھی مل جائے گا۔ جبکہ حکومت پاکستان یا آئی ایس آئی (ISI)کی پالیسی بھی یہی ہے کہ اگر سارے افغانستان پر طالبان کی حکمرانی ہو جائے تو پاکستان کا وسط ایشیاء کی ریاستوں سے افغانستان کے ذریعے میدانی راستے سے تجارت بحال ہو جائے گی اور پاکستان کا وسط ایشیاء کی ریاستوں اور بین الاقوامی اداروں سے تیل اور گیس کے پائپ لائن بچھانے کے لیے کئے گئے معاہدات کے لیے فضا ساز گار ہو جائے گی۔ 
	پاکستان اپنی ترقی کی راہ میں افغانستان کی طویل خانہ جنگی کو رکاوٹ محسوس کر رہا ہے اس لیے پاکستان کی افغان طالبان سے بہت امیدیں وابستہ ہیں اور وہ نہیں چاہتا کہ کوئی ان کو زیر کرے اور خاص کر اس نازک وقت میں جبکہ ایران، روس، وسط ایشیاء کی ریاستیں بھارت مل کر طالبان کی مخالفت کر رہے ہیں۔ ان حالات میں پاکستان یہ بالکل برداشت نہیں کر سکتا کہ افغانستان کے اندر اس کے مفادات سے چاہے وہ سیاسی ہو یا اقتصادی، کوئی کھیلے، اسی لیے پاکستان کی یہ خواہش ہو گی کہ جیسے بھی ہو افغان طالبان کی مدد کی جائے۔ آج کل ایران اور پاکستان کے تعلقات میں وہ پہلی جیسی گرمجوشی نہیں رہی۔ ایران کی کشمیر پالیسی میں بھی بہت لچک آ گیا ہے اب وہ پاکستان کے بجائے بھارت کی طرف جھکاؤ رکھتا ہے۔ بھارت طالبان کے غلبے سے ڈر رہا ہے کہ اگر طالبان کے قدم افغانستان میں مضبوط ہو گئے تو اس سے کشمیر کے حریت پسندوں کو بھی حوصلہ ملے گا اور ان کے جہاد میں ایک نیا ولولہ آ جائے گا۔ 
	اگر طالبان سارے افغانستان کو کنٹرول کرنے میں کامیاب ہو گئے اور پاکستان کی کی گئی امداد کا صلہ انہوں نے کشمیر میں اتارا تو کشمیر کی آزادی یعنی پاکستان سے الحاق… ایک خواب نہیں بلکہ حقیقت بن جائے گا۔ یہی فکر بھارت کے زعما کو لاحق ہو گئی ہے اسی لیے تو بھارت کی یہ کوشش ہو گی کہ طالبان کے کامیاب ہونے کے بعد وہ صوبہ سرحد (خیبر پختون خوا) کے پشتون قوم پرست لیڈروں کے ذریعے کسی نہ کسی طرح پختونستان کے پرانے مسئلے کو دوبارہ زندہ کرے اور کشمیر کی آزادی کے بجائے پاکستان اور افغان طالبان کو پختونستان کے مسئلے میں الجھا دے۔ اسی طرح روس اور وسط ایشیاء کی ریاستوں کے ساتھ بھی یہ غم دامن گیر ہے کہ کہیں طالبان ان ریاستوں میں موجود اسلام پسند قوتوں سے مل کر اسلام کا مکمل احیا نہ کر دے جبکہ حقیقت بھی یہی ہے کہ وہ چاہے یا نہ چاہے، طالبان کی کامیابی و کامرانی کے بعد اسلام کے غلغلے کو کوئی بھی نہیں روک سکے گا۔ 
	تا دم تحریر ایران، روس، وسط ایشیاء کی ریاستوں ، بھارت اور پاکستان کی افغانستان کے اندرونی معاملات میں دلچسپی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی۔ مئی کے آخری ہفتے کے واقعات نے اس علاقے کے سارے ممالک کی افغانستان میں مختلف گروپوں سے وابستگی سب پر آشکارا کر دی۔ یہ کہ کون سا ملک کس افغان گروپ کی حمایتی ہے۔ اس کا اندازہ ہمیں پاکستان کا طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے اور اس کے بعد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا پاکستان کی پیروی کرنے سے ہوتا ہے جبکہ ایران اور بھارت کا یہ موقف اختیار کرنا کہ وہ اقوام متحدہ کی طرف دیکھتے ہیں جب اقوام متحدہ افغان طالبان کی حکومت کو تسلیم کرے گی تو پھر ہم اس پر غور کریں گے کیوں کہ ان کے کہنے کے مطابق حالات ابھی تک ابر آلود ہیں۔ 
	ناربرٹ ہال جو کہ اقوام متحدہ کی جانب سے افغان مسئلے کے حل کے لیے نمائندہ ہے، نے کہا ہے کہ آج کل کے نئے جنگی حالات نے اقوام متحدہ کے افغان امن منصوبے کی رہی سہی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا ہے اور یہ کہ افغانستان میں امن لانے یا پھیلانے میں اب بہت عرصہ لگے گا۔ اگر ہم ناربرٹ ہال کی تشویش پر غور کریں تو ان کی تشویش بجا نظر آتی ہے کیوں کہ افغانستان کے کیس میں اب اتنے زیادہ نئے کھلاڑی میدان میں آ گئے ہیں کہ ایک کے مفادات دوسرے سے الگ اور ٹکرانے والے ہیں کہ اقوام متحدہ تو کیا اب تو یہ کسی بھی بین الاقوامی ادارے کے بس کی بات نہیں رہی کہ افغانستان کے اندر مختلف قوتوں کو اور افغانستان سے باہر علاقائی ممالک کو افغانستان میں پائیدار امن قائم کرنے پر راضی کر سکے۔ 

(24 جون 1997ء)
٭٭٭


عراق اور عالم اسلام کی بے حسی 
	
	اس دفعہ امریکہ کے پرانے اتحادیوں کو بھی پتہ چل چکا ہے کہ عراق کے خلاف امریکہ کی جارحیت میں شریک ہوں گے اور نہ امریکہ کی سیاسی یا فوجی مدد کریں گے بلکہ اقوام متحدہ کے ذریعے عراق کے مسئلے کا کوئی سفارتی حل نکالنے کی کوشش کریں گے کیوں کہ جب مسئلے کا سیاسی اور سفارتی حل موجود ہے تو پھر امریکہ خواہ مخواہ یہ کوشش کیوں کر رہا ہے کہ اگر صدام حسین نے سر جھکا بھی دیا تو پھر بھی عراق کے معصوم بچوں اور عوام کو نیست و نابود کئے بغیر نہیں چھوڑیں گے۔ حقیقت پسند لوگ اب یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا واقعی صدام دہشت پسند ہے یا امریکہ عالمی دہشت گرد بن چکا ہے؟ کیوں کہ جہاں کہیں بھی کوئی مسئلہ ہو امریکہ اپنی پسند کے مطابق اس کا حل چاہتا ہے جس طرح حالیہ چند سالوں میں ہم نے امریکہ کی ثالثی مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور فلسطین کے مسئلے کے حل اور اسی طرح بوسنیا کے مسئلے کے حل اور معاہدوں میں دیکھا جو کہ امریکہ کی مرضی کے مطابق حل ہوئے۔ ان دونوں مسائل کے حل کے معاہدوں کے بعد مسلمان فریق اپنے لیڈروں کو کوس رہے ہیں جب کہ مسئلہ فلسطین ابھی تک لاینحل ہے۔
	عراق کے مسئلے سے جب بھی امریکہ کے لیڈروں کو فراغت کا موقع ملا تو پھر وہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشمیر کے مسئلے کا حل بھی اپنی مرضی سے نکالنے میں مصروف ہو جائیں گے۔ جس کا عندیہ وہ علاقے کا وقتاً فوقتاً دورہ کرنے والے امریکہ کے نمائندوں کے ذریعے دونوں اطراف کے لیڈروں کو دے چکے ہیں۔ 
	کشمیر کے مسئلے کا ایسا حل نہ کشمیریوں کے اور نہ پاکستانیوں کے مفاد میں ہو گا بلکہ اس کا فائدہ صرف مسلم دشمن قوتوں کو ہو گا۔ 
	یہی وہ مقام ہے جہاں پر ہر پاکستانی اور کشمیری کے ذہن میں یہ سوال اٹھتا ہے کہ جب امریکہ اور اس کے مغربی حلیفوں کے مفاد سے ٹکرانے والا کوئی مسئلہ ہو تو اس کے لیے راتوں رات سکیورٹی کونسل سے قرار داد منظور کرائی جاتی ہے اور امریکی مفاد سے ٹکرانے والی قوت یعنی عراق پر حملہ کیا جاتا ہے اور اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے قرار داد کو جواز بنا کر عراق جیسی اسلامی قوت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی جاتی ہے۔ بات صرف یہیں پر ختم نہیں ہوتی بلکہ پھر اس پر قدغن لگائے جاتے ہیں اور اپنے ملک کے اندر صدام کو بے بس و لاچار کر دینے کی کوشش کی جاتی ہے کہ ایسا کرو ویسا کرو، جیسے آج کل کیا جا رہا ہے۔ کیا چھوٹے ممالک اور خاص کر عراق کی کوئی Sovereignty ہی نہیں ؟ یا اقتدار اعلیٰ صرف امریکہ اور مغربی ممالک کے لیے مختص ہے۔ تو سوال یہ ہے کہ کیا امریکہ صرف ایک مسلم ملک کے خلاف سکیورٹی کونسل سے قرار داد منظور کرا کے پھر اس کی رہی سہی طاقت کو بھی ختم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ کیا امریکہ نے بھارت یا اسرائیل کے خلاف منظور کی جانے والی اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے اطلاق پر بھی کبھی زور دیا ہے؟ کیوں کہ اس طرح کی قراردادیں تو آج سے تقریباً 50سال پہلے پاس ہوئی تھیں جو کہ اب اقوام متحدہ کے کسی سرد خانے میں بند پڑی ہیں تو اس پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا جاتا؟ کشمیری استصواب رائے کا اظہار کر کے اپنی تقدیر کا خود فیصلہ کریں۔ عالم اسلام کے مسائل کے ذمہ دار عوام نہیں بلکہ ان کے لیڈر ہیں۔ کیوں کہ سارے اسلامی ممالک کے لیڈر امریکہ اور مغربی ممالک کے پٹھو بنے ہوئے ہیں۔ رہی بات عرب ممالک کی تو اگر ہم حقیقت کی نظر سے دیکھیں تو عالم اسلام کے تمام مسائل کی شروعات ہی تو عرب ممالک کے لیڈروں کی بے حسی اور لا تعلقی کی وجہ سے ہوئیں۔ خلیجی عرب ممالک تو اب اپنا دفاع بھی نہیں کر سکتے اگر وہ اپنا دفاع خود کر سکتے تو امریکہ کے بحری بیڑوں اور ہزاروں فوجیوں کی کیا ضرورت تھی۔ یہ بات اپنی جگہ کہ وہ تیل کی سپلائی لائن میں کسی بھی قیمت پر کسی کی طرف سے رکاوٹ نہیں چاہتے۔ اسی لیے تو ہم امریکہ کے بڑے بڑے بحری بیڑے عرب گلف میں دفاع کے نام پر مصروف دیکھ رہے ہیں اور اسی دفاع کے بہانے عرب ممالک سے روزانہ کے حساب سے ملین پیٹرو ڈالرز واپس لے رہے ہیں جو کبھی ان ممالک نے تیل کی خریداری پر خرچ کئے تھے (ہم خرمہ ہم ثواب) مسلمانوں کو آج کل خصوصاً ایک نڈر لیڈر کی ضرورت ہے جو کہ امریکہ اور اس کے حاشیہ برادروں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکے اور جس مسئلے کا حل مسلمانوں کے حق میں ہو اسی طرح اسے حل کرے نہ کہ امریکہ کی مرضی سے جبکہ عمومی طور پر ہر مسلم ملک میں ان کا اپنا ایسا رہنما ہونا چاہئے جو اپنے عوام کی خواہشات پر پورا اترتا ہو۔ لیکن بدقسمتی سے ایسے لیڈر امریکہ اور اس کی یہودی لابی کو پسند نہیں ہوتے اگر پسند ہوتے تو آج ہم صدام حسین اور کرنل قذافی کی یہ حالت نہ دیکھتے۔ اگر ہم ذرا سا دو دھائی پیچھے کی طرف دیکھیں تو اللہ تعالیٰ نے عالم اسلام کو نڈر اور بے باک لیڈر بھی دیئے تھے۔ جنہوں نے مسلم دنیا کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی کوششیں کیں تاکہ ان کو درپیش مسائل اور آپس کی ریشہ دوانیوں کا حل نکال سکیں۔ 
	1974ء کی لاہور کی اسلامی سربراہ کانفرنس انہی کوششوں کی ایک کڑی تھی جو کہ شاہ فیصل اور بھٹو مرحومین نے مشترکہ طور پر عالم اسلام کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے لیے اور ایٹمی توانائی حاصل کرنے کے لیے منعقد کی تھی لیکن امریکہ اور اس کی یہودی لابی نے ان دونوں صاحبان کے ساتھ کیا کیا؟ شاہ فیصل کو اپنے بھتیجے کے ذریعے شہید کرا دیا جبکہ بھٹو (شہید) کو جس طرح ہنری کسنجر نے دھمکی دی تھی کہ عالم اسلام کے اتحاد کی اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی کوشش سے باز آ جاؤ ورنہ تمہیں ساری دنیا کے لیے ایک مثال بنا دیں گے۔ اب امریکہ عالم اسلام کے باقی غیور اور نڈر لیڈروں یعنی صدام حسین اور کرنل محمد قذافی کو مثال بنانے پر تلے ہوئے ہیں۔ ابھی وقت ہے کہ عالم اسلام کے باقی ماندہ لیڈر بھی میدان میں آ جائیں اور قدم بڑھا کر کہیں کہ ہمیں امریکہ کی عالمی دہشت گردی منظور نہیں۔ کوئی بھی لیڈر ذرا ہمت کر کے دیکھے تو سہی۔ پھر آہستہ آہستہ ان کے دوسرے بھائی بھی ان کے قدم سے قدم ملا کر چلنے کی کوشش کریں گے۔ اگر اب بھی عالم اسلام کے رہنماؤں نے خواب غفلت سے بیدار ہونے کی کوشش نہیں کی اور امریکہ اور یہود کی چالوں کو نہ سمجھا تو پھر امریکہ اور یہود کے لیے میدان خالی پڑا ہے۔ عراق کے بعد ایران کی (جس طرح اسرائیل کے وزیر اعظم نے حال ہی میں ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’عراق سے زیادہ عالمی امن کو خطرہ ایران سے ہے) ایران کے بعد لیبیا کی، لیبیا کے بعد سوڈان کی باری اور اس طرح کبھی پاکستان کا بھی نمبر آ جائے گا۔ امریکہ اسی طرح عالم اسلام کے سرکردہ ممالک کی باری باری خبر لیتا رہے گا اور ساری دنیا تماشہ دیکھتی رہے گی۔ 

(12 مارچ 1998ء)
٭٭٭


نا انصافیاں کیوں ؟

	کسی بھی ملک میں جب طاقت کا ارتکاز ایک فرد میں سمو جائے اور ملک کے تمام وسائل کا نگراں اور ان پر حکمرانی کرنے والا ایک خاص طبقہ ہو تو پھر وہاں قدرتی طور پر اس ملک کے دوسرے طبقات میں احساس محرومی بڑھ جاتا ہے۔ جب وہ دیکھتے ہیں کہ ملک سب کا ہے اور اس کی آزادی کے لیے سب نے ایک جیسی قربانیاں دی ہیں تو کیوں ایک خاص طبقہ اور مخصوص قوم کے لوگ اس کے وسائل پر قابض ہیں اور دوسری قومیتوں کو پس پشت ڈال رہے ہیں۔ تو پھر ان میں قومیت کے نام پر اس خاص طبقے کے خلاف تحریک اٹھ کھڑی ہوتی ہے۔ ان کا نقطہ نظریہ ہو جاتا ہے کہ ایک خاص قوم اور طبقہ کے لوگوں کو پاکستان میں اقتدار ملتا ہے۔ (اس دفعہ تو تمام کے تمام بڑے اور پر وقار عہدے ایک ہی قوم کے افراد کے ہاتھوں میں چلے گئے ہیں ) جو کہ برابری کی بنیاد پر ہونا چاہئے تھا کیوں کہ پاکستان پر ہر صوبے کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا کہ پنجاب کا ہے۔ 
	ان تمام مسائل کا حل موجود ہے اور اسے باہمی اتفاق رائے سے عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے لیکن تمام مسائل کے علاوہ خاص کر ’’پختونخوا‘‘ کے نام رکھنے کا مسئلہ باہمی افہام و تفہیم سے حل نہیں ہوا تو پھر آگے چل کر یہ پاکستان اور اس کے موجودہ حکمرانوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ محروم قومیتیں اپنا غبار حکومت اور حکمران طبقہ کے خلاف تحریک کی شکل میں نکالتی ہیں کیوں کہ ان کے پاس دوسرا کوئی راستہ نہیں ہوتا۔ 
	میری نظر میں سارے پاکستانی لیڈر قوم پرست اور عوام پرور ہیں لیکن ان سب کو اکٹھے مل بیٹھ کر ان سارے مسائل پر سوچنا چاہئے اور ان کا حل ڈھونڈنا چاہئے کیوں کہ ہو سکتا ہے کہ مستقبل میں پاکستان کے عوام اپنے سیاستدانوں کی غلطیاں معاف ہی نہ کریں۔ جتنی بھی کمزوریاں پاکستان کے آئین، قانون اور اس پر عمل کروانے والے اداروں میں ہیں انہیں بھی دور کرنا چاہئے اور پاکستان کو خوشحالی کی طرف اور عوام کو با عزت زندگی گزارنے کی طرف رواں دواں کر دیا جائے تو پھر کوئی تحریک اٹھے گی اور نہ کوئی علیحدگی کا سوچے گا اور نہ کوئی حکومت گرانے کے غیر قانونی اور غیر آئینی چکروں میں پڑے گا۔ مسائل کے حل نہ ہونے سے محروم طبقوں کی جانب سے حکومت اور صاحب اقتدار لوگوں کے خلاف تحریک کا اٹھنا خود حکومت وقت کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہوتا ہے اور جب ایک ہی پاکستان میں رہتے ہوئے کوئی بھی قوم حکومت وقت کی نا انصافیاں دیکھتی ہے کہ ان کے حقوق کو سلب کیا جاتا ہے، بڑے بڑے عہدوں میں انہیں نظر انداز کیا جاتا ہے تو پھر اس ملک میں پختونخوا کا مطالبہ تسلیم نہ ہونے کے بعد پختونستان کے مطالبے کا دوبارہ سر اٹھانا تشویش والی بات نہیں ہونی چاہئے۔ 
	پاکستان کے جتنے بھی مسائل ہیں ان کا حل کسی نہ کسی طرح ممکن ہے جبکہ پختونخوا کا مسئلہ اس نہج پر پہنچ چکا ہے کہ اگر اسے باہمی صلاح مشورے اور افہام و تفہیم سے حل نہ کیا گیا تو پھر آگے چل کر اس کے نتائج کچھ مثبت سمت میں نہیں جائیں گے۔ اگر اے این پی نے سرحد میں دوسری پارٹیوں کے ممبروں اور کچھ آزاد ارکان اسمبلی کو اپنے ساتھ ملا لیا اور صوبے میں اپنی حکومت بنالی تو پھر وہ بھی نواز شریف حکومت کے لیے ویسی ہی مشکلات پیدا کر سکتی ہے جس طرح نواز شریف نے بے نظیر کے پہلے دور حکومت میں پنجاب کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے پیدا کی تھیں۔ یہ خیال بھی کیا جا رہا ہے کہ ایسی صورتحال میں اے این پی کچھ زیادہ ہی مشکلات پیدا کر سکتی ہے اگر ان کا رابطہ طالبان اور بھارت میں نئے قائم ہونے والی حکومت سے استوار ہو گیا تو اس کا نتیجہ پھر پختونخوا نہیں بلکہ پختونستان اور آخر میں دما دم مست قلندر ہو گا۔ 
(23 مارچ 1998ء )
٭٭٭



افغانستان میں امریکہ کی دوبارہ دل چسپی کیوں ؟

	آج سے تقریباً 10سال قبل جب 14اپریل 1988ء کو جنیوا میں معاہدہ افغانستان پر دستخط ہوئے تو اس کے بعد امریکہ نے افغان عوام کو خانہ جنگی کے حوالے کر کے اپنا دامن مکمل طور پر کھینچ لیا اور افغانستان کو گولہ بارود کے نہ ختم ہونے والے دھوئیں کے حوالے کیا۔ جنیوا معاہدہ نے صرف روسی افواج کو افغانستان سے انخلاء کا ایک آسان راستہ فراہم کیا جبکہ اس میں افغانستان کے مستقبل کی حکومت یا اس کے سیاسی خدوخال کا کچھ ذکر نہیں۔ اس لیے مذکورہ معاہدے کے بعد افغانستان مسلسل خانہ جنگی کا شکار ہے۔ اس کی واضح وجہ یہ ہے کہ امریکہ صرف روس کو شکست دینے اور اس سے ویت نام کی جنگ میں اپنی شکست کا بدلہ لینا چاہتا تھا تاکہ اس حساس علاقے میں روس کے پنجے مضبوط نہ ہونے پائیں۔ اگر ایسا ہوتا تو ایک تو امریکہ کا خود علاقے سے خاتمہ ہو جاتا اور اس سے ملحقہ خلیج عرب کے تیل پر خود امریکہ اور مغربی ممالک کی اجارہ داری ختم ہو جاتی۔ اسی بناء پر امریکہ نے افغان مجاہدین کو روسی افواج کے خلاف تقریباً نو دس سال تک لڑایا اور ان کی خوب فوجی اور مالی امداد کی۔ 
	اُس وقت امریکہ اسلام پسند بھی بن گیا تھا اور افغان مجاہدین بھی دشت گرد نہیں تھے لیکن جب امریکہ نے افغان مجاہدین کے حوصلوں اور جرات کے بل بوتے پر روس کو شکست دی اور اس کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیئے اور کمیونزم سے بھی اسے تائب کرا دیا اور اسے گلوبل مارکیٹ اکانومی کی راہ پر ڈال دیا تو پھر افغان مجاہدین دہشت گرد اور بنیاد پرست بن گئے۔ اب صورتحال یہ ہے کہ جو اسلحہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک نے مجاہدین کو روسی افواج کے خلاف استعمال کرنے کے لیے دیا تھا وہ اسلحہ افغانستان میں ایک مضبوط مرکزی حکومت نہ ہونے کے سبب افغان ایک دوسرے کے خلاف استعمال کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کا خون بہانے میں مصروف ہیں۔ اتنی تباہی اور انسانی جانوں کی ہلاکت روس کے خلاف لڑتے ہوئے افغانستان میں نہیں ہوئی تھی جتنی خانہ جنگی میں ہو رہی ہے۔ اگر اب بھی طالبان کے مخالفین نے طالبان کی حکومت کو تسلیم نہ کیا اور اس کی متوازی حکومت چلانے پر بضد رہے تو خانہ جنگی اور خونریزی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ حالاں کہ زیادہ تر افغان علاقے (بشمول کابل) پر طالبان کی حکومت ہے وہاں پر مکمل امن و سکون ہے اور لوگ شریعت اور اسلامی اصولوں کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں۔ پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے طالبان کی حکومت کو تسلیم بھی کر لیا ہے تو پھر کیا وجہ ہے کہ افغانستان کے اندر اس کی مخالفت کی جائے اور افغانوں کا خون ناحق بہایا جائے۔ طالبان کے مخالفین میں اگر پرانے مجاہدین ہیں تو ان میں کمیونسٹ بھی داخل ہو گئے ہیں۔ اگر کبھی طالبان نے ان سے صلح کی بات چیت یا امریکہ کے کہنے پر معاہدہ کر لیا تو پھر روسی کمیونسٹ افواج کے خلاف افغانوں کے نو سالہ جہاد کو ہم کیا نام دیں گے؟ اور ڈاکٹر نجیب اللہ کا قتل چہ معنی دارد؟ رہا سوال امریکہ کی افغانستان میں دوبارہ دل چسپی کا تو یہ اب سب پر عیاں ہے کہ طالبان جس انداز سے اسلامی شریعت کے اصولوں پر مبنی حکومت چلا رہے ہیں ، ظاہر ہے کہ اس کے اثرات تو ہمسایہ ممالک کے لوگوں پر اور خاص کر ان کی اسلامی تحریکوں پر ضرور پڑیں گے اور وہ ان ممالک کے حکمرانوں کے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔ اگر آج نہیں تو کل ان میں مکمل اسلامی حکومتیں بھی بر سر اقتدار آسکتی ہیں۔ میرا اشارہ تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کی طرف ہے۔ مستقبل کے اسی اسلامی بلاک کے تصور نے امریکہ کو مجبور کیا اور کلنٹن نے بل رچرڈ سن کو افغانستان کا دورہ کرنے کے لیے بھیج دیا کہ وہ یہ کوشش کرے کہ کسی نہ کسی طرح طالبان کی قائم کی ہوئی اسلامی مملکت اور شریعت کی راہ پر چلنے والے افغان طالبان کو صحیح راستے سے بھٹکائے اور ان میں نفاق کی گرہ باندھ دیں تاکہ طالبان اسلامی شریعت کے اصولوں کے مطابق چلنے والی اپنی حکومت میں مخالفین کو جگہ دے کر شریعت کی اصل روح سے محروم ہو جائیں۔ کیوں کہ امریکہ یہ کیسے گوارا کر سکتا ہے کہ دنیا میں کوئی ایسا ملک بھی ہو جہاں سب کام قرآن اور شریعت کے اصولوں کے مطابق انجام پا رہے ہوں۔ 
	بل رچرڈسن نے افغانستان میں انسانی حقوق کی پامالی پر بھی طالبان کے نمائندوں سے بات کی جس میں اُسے کوئی خاص پیش رفت حاصل نہ ہو سکی۔ کیوں کہ طالبان اللہ تعالیٰ کے بنائے ہوئے انسانی حقوق پر عمل کر رہے ہیں ان کے سامنے انسان کے بنائے ہوئے حقوق کوئی معنی نہیں رکھتے۔ ویسے اللہ تعالیٰ کے بنائے ہوئے حقوق انسانی اور انسان کے اپنے بنائے ہوئے انسانی حقوق میں دن رات کا فرق ہے تو افغانستان کے حکمراں یہ کیسے گوارا کر سکتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے بنائے ہوئے انسانی حقوق کو پس پشت ڈال دیں اور امریکا کے بنائے ہوئے انسانی حقوق کو گلے لگا لیں۔ کیا افغانوں نے یہ ساری قربانیاں اسی لیے دیں کہ جب ثمر ملنے کا وقت آئے تو اسے کوئی اور لے جائے؟ 
	بل رچرڈ سن نے طالبان کے نمائندوں سے سعودی باشندے اسامہ بن لادن کو امریکہ کے حوالے کرنے کی بھی بات کی،اسامہ بن لادن وہ دلیر ہستی ہے جس کا بال بال جہاد کے جذبے سے سرشار ہے۔ اس نے خود جہاد افغانستان میں حصہ لیا ہے اور مسلمانوں میں جہاد کی تبلیغ کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ جہاد، جس کو مغربی ممالک اپنی ترقی اور اپنے استحصالی نظریہ کے لیے زبردست خطرہ محسوس کرتے ہیں امریکہ، یہود اور مغربی ممالک چاہتے ہیں کہ جہاد کے جذبے کو مسلمانوں کے دلوں اور ذہنوں سے کسی نہ کسی طرح سے نکال دیں۔ یہی جہاد کا جذبہ جب سے مسلمانوں کے دلوں اور ذہنوں سے مفقود ہوا ہے وہ غیروں کی غلامی، چاہے سیاسی ہو یا اقتصادی، میں جکڑے ہوئے ہیں۔ افغانستان میں امریکہ کی دوبارہ دل چسپی ایک اور حوالے سے بھی بڑھ گئی ہے اور وہ ہے افغانستان کے ہمسایہ نو آزاد سینٹرل ایشین ممالک کے تیل اور گیس کے ذخائر جس سے یہ ممالک مالا مال ہیں اور امریکہ کی کئی کمپنیاں سنٹرل ایشیا کے اس تیل اور گیس کو جلد از جلد مارکیٹ میں لانے کے لیے کوشاں ہیں۔
	امریکی تیل کمپنیوں کی امریکی کانگریس میں اپنی ایک خاص لابی ہے جس نے کلنٹن انتظامیہ کو افغان مسئلہ کا دوبارہ جائزہ لینے اور اسے حل کرنے پر مجبور کیا ہے تاکہ وہ جلد از جلد اس تیل اور گیس کو ورلڈ مارکیٹ میں لے آئیں کیوں کہ ان کے اربوں نہیں بلکہ کھربوں ڈالر اس میں لگا ہوا ہے۔ افغانستان میں امن قائم ہونے پر اب جتنی دیر لگتی ہے اتنی ہی ان کمپنیوں کی بے چینی میں اضافہ ہوتا رہتا ہے کیوں کہ ان کمپنیوں کے علاقے کے مختلف ممالک سے پائپ لائن بچھانے کے لیے پہلے سے معاہدے ہوئے ہیں اور ان کے تقریباً سارے منصوبوں میں افغانستان شامل ہے اور یہ پائپ لائن بھی افغانستان کے علاقوں ہی سے گزرے گی۔ اسی لئے وہ اپنے تجارتی اور اقتصادی مفاد کے لیے افغانستان میں پائیدار امن چاہتے ہیں نہ کہ افغان عوام سے ہمدردی کے لیے وہ یہ سب کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ اب رہی بات طالبان اور ان کے مخالفین کے درمیان صلح یا معاہدہ کی تو یہ ہر مسلمان چاہتا ہے کہ افغانستان جیسے اسلامی ملک میں امن و آشتی کی فضا قائم ہو جائے اور سارے افغان اپنی پرانی دشمنیوں کو بھلا دیں اور اپنی باقی ساری توانائیاں افغانستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی پر لگا دیں۔ لیکن قرائن سے پتہ چلتا ہے کہ افغانوں کے درمیان جتنے بھی معاہدے مکہ معظمہ، پشاور، اسلام آباد یا جہاں کہیں بھی ہوئے یا تو وہ افغان روایات سے ہٹ کر ہوئے یا ان میں ان کے ساتھ عدل و انصاف سے کام نہیں لیا گیا۔ پاکستان میں ، اقوام متحدہ اور اسلامی کانفرنس کی تنظیم کے توسط سے حالیہ جاری رہنے والے مذاکرات بھی اگر معاہدہ پر منتج ہو بھی جاتے تو اس کی کون گارنٹی دے سکتا تھا کہ افغانستان واپس جا کر دونوں گروپ اس پر مکمل عمل پیرا بھی ہوں گے۔ اس لیے ابتدائی طور پر مذاکرات کی ناکامی سے حالات پر کچھ زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔ کیوں کہ افغانوں کے رویے کو سمجھنا امریکہ اور اقوام متحدہ کے بس کی بات نہیں جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ جب سے لویہ جرگہ (Loya Girga)کو افغانستان کے سیاسی منظر سے ہٹایا گیا ہے اس وقت سے اب تک افغانستان سے متعلق کوئی بھی امن کی کوشش کامیاب نہیں ہو سکی کیوں کہ افغان اپنے سارے فیصلے جرگے میں بیٹھ کر کرتے ہیں اور جرگہ میں کئے گئے فیصلے کو کوئی بھی رد نہیں کر سکتا۔ 
	میرے اپنے خیال میں افغانستان میں لویہ جرگہ کے انعقاد اور افغان مسئلے کو اس کے سامنے رکھ کر ہی اس مسئلہ کا کوئی پائیدار حل نکل سکتا ہے۔ اس میں امریکہ ،اقوام متحدہ، اسلامی کانفرنس اور پاکستان کی چنداں ضرورت پیش نہیں آئے گی بلکہ افغانستان کا مسئلہ افغان روایات کی روح کے مطابق افغانستان کے اندر ہی حل ہو سکتا ہے بشرط یہ کہ مفاد پرست ہمسایہ ممالک اور مفاد پرست غیر ہمسایہ ممالک افغانوں کو ایسا کرنے کے لیے آزاد چھوڑ دیں۔ 

(9 مئی 1998ء)
٭٭٭



اسلامک بم 

	بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان کے 7؍ ایٹمی دھماکوں کے کامیاب تجربات پر میں پاکستان کے صدر، وزیر اعظم، آرمی چیف، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور تمام پاکستانیوں کو چاہے وہ جہاں بھی رہتے ہوں ، دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں کیوں کہ قوموں کی تاریخ میں اس طرح کے لمحات شاذ و نادر ہی آتے ہیں۔ رب العزت نے ہمیں ایک موقع 14؍ اگست 1947ء کو دیا تھا جب ہم انگریزوں اور ہندوؤں کی غلامی سے سیاسی طور پر آزاد ہوئے اب دوسرا موقعہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں 28؍ مئی 1998ء کو امریکہ اور مغربی ملکوں سے اقتصادی طور پر آزاد ہونے کا دیا جب ہمارے عظیم سائنس دانوں نے 7 کامیاب ایٹمی تجربات کئے۔ 
	اب ہم سارے پاکستانی سیاسی اور اقتصادی طور پر مکمل آزاد ہو گئے ہیں کیوں کہ مغربی ممالک کی اقتصادی پابندیوں کے باعث اب ہم سارے سہاروں اور بیساکھیوں کو ٹھکرا کر صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی امداد پر بھروسہ کریں تو انشاء اللہ ہم اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا سیکھ جائیں گے۔ اب ہمیں کسی بھی ملک کی ناراضگی کی فکر نہیں کرنی چاہئے۔ ویسے امریکہ پہلے کب ہم سے خوش تھا کہ اب ہم اس کی خوشی اور ناراضگی کی فکر کریں۔ جب ہماری ایمانی طاقت اور نیوکلیئر طاقت یکجا ہو گی تو دنیا کی کوئی بھی طاقت پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکے گی اور نہ کوئی ہم پر اپنی شرائط دباؤ ڈال کر مسلط کر سکے گا بلکہ اب ہم کسی بھی ملک سے برابری کی بنیاد پر بات کر سکیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار انعامات سے نوازا ہے اور اگر ہمارا ایمان مضبوط ہو تو اس سے زیادہ انعامات سے نوازتا رہے گا،بشرط یہ کہ ہم جھٹلانے والے نہ ہوں۔ 28 مئی کے کامیاب ایٹمی تجربات نے نہ صرف پاکستان کو قوت بخشی بلکہ اس سے عالم اسلام پر بھی اسلامک بم کے ناتے خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اب سوچ سمجھ کر اپنی پالیسیاں بنائے گا۔ کیوں کہ پاکستان پہلا اسلامی ملک ہے جس نے بہت دشوار راستوں پر چل کر یہ قوت نہ صرف اپنے لیے بلکہ تمام عالم اسلام کے لیے حاصل کی اور اب صحیح معنوں میں پاکستان اسلامی طاقت کا قلعہ بن جائے گا۔ 
	اس کے بعد اسلامی ممالک پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ پاکستان کی بھر پور مالی امداد کریں تاکہ وہ اقتصادی بد حالی کا شکار نہ ہو جائے اور تمام اقتصادی پابندیوں سے سرخروہوکر نکلے۔ 
	اب حکمرانوں اور حزب اختلاف کے امتحان کا بھی وقت آ گیا ہے۔ انہیں چاہئے کہ اپنے تمام تر سیاسی اختلافات کو بھلا کر مفاہمت اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور پاکستان کے غیور عوام کے لیے ایک اچھی مثال قائم کرنے کی بنیادیں رکھیں اور پاکستان کی سالمیت کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں۔ رہی پاکستانی قوم تو وہ پہلے سے قربانیوں کی عادی ہے۔ جب بھی پاکستان کی بقاء اور سالمیت کا مسئلہ پیش آیا ہے پاکستانی قوم نے کبھی بھی اپنے لیڈروں کو مایوس نہیں کیا ہے بلکہ مصیبت کے وقت جب بھی ان کے رہ نماؤں نے انہیں ملک کی سلامتی کے لیے آواز دی ہے انہوں نے اس پر لبیک کہا ہے اور اب بھی پیچھے نہیں رہیں گے لیکن اس دفعہ صرف پاکستانی قوم قربانیاں نہیں دے گی بلکہ پاکستان کے حکمران بھی عملاً قربانیاں دیں تو کچھ بات بنے گی۔ 

(11 اگست 1998ء)
٭٭٭


افغانستان … ایک مکمل اسلامی ریاست 

	جب ہم افغانستان کی سیاسی تاریخ کا بغور مطالعہ کرتے ہیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ افغانستان میں کبھی بھی مکمل امن و امان نہیں رہا۔ کبھی تو افغانستان، روس اور تاجِ برطانیہ کے درمیان بفر سٹیٹ بنا رہا اور دونوں طرف سے سیاسی اور فوجی دباؤ میں رہا تو کبھی روس اور امریکہ کے درمیان مفادات کی سولی پر چڑھتا رہا اور تقریباً 10سال تک دونوں سپر طاقتوں کی سرد جنگ کا شکار رہا۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ سرد جنگ کی جہاں سے ابتداء ہوئی وہیں پر اس کی انتہاء ہوئی۔ اس جنگ سے روس مالی لحاظ سے تقریباً ختم ہو گیا اور اس کی سپر طاقت کی حیثیت بھی ختم ہوئی اور اب وہ دوسروں سے قرض حاصل کرنے کی تگ و دو میں لگا رہتا ہے۔ اسی طرح سرد جنگ کا خاتمہ سوویت یونین کے خاتمے کے ساتھ افغانستان ہی کی سرزمین پر ہوا۔ 
	ابتداء سے جب افغانستان روس اور برطانیہ کے درمیان سینڈوچ بنا رہا تو سر ہینری نے اسے ’’گریٹ گیم‘‘ کا نام دیا۔ یہی گیم سالہا سال سے افغانستان کی زمین پر کھیلا جا رہا ہے۔ کھیل پرانا ہے لیکن اس میں وقتاً فوقتاً کھلاڑی بدلتے رہتے ہیں۔ جب ہم افغانستان کی صرف پچھلی 20سالوں کی تاریخ کو دیکھتے ہیں تو کتنے کھلاڑی اسی کھیل میں چہرے بدل بدل کر آ جاتے ہیں اسی طرح یہ کھیل بھی جاری رہے گا اور ہمیں اس میں وقت کے ساتھ ساتھ بدلے ہوئے چہرے بھی نظر آئیں گے۔ اس لمبی قطار میں ہم نے روس اور برطانیہ کو بھی دیکھ لیا امریکہ بھی نظر آیا اور اب ایران، پاکستان، روس، ازبکستان، ترکمانستان اور تاجکستان بھی نظر آرہے ہیں۔ جبکہ کچھ دور افغانستان پر نظریں جمائے ہوئے بھارت اور اسرائیل بھی نظر آ جاتے ہیں۔ بعض ممالک تو ہر طرح سے طالبان کی امداد اور پشت پناہی کر رہے ہیں۔ بہت سے ممالک کو طالبان کی فتوحات کھٹک رہی ہیں۔ ان سے برداشت نہیں ہو رہا کہ آئندہ دو تین ہفتوں میں سارے کے سارے افغانستان پر طالبان کا مکمل کنٹرول ہو جائے گا۔ دوسرے معنوں میں افغانستان ایک مکمل اسلامی اور شریعت پر مبنی ریاست بن جائے گا۔ جس سے پڑوسی ممالک پر خصوصاً اور دوسرے ممالک پر عموماً اثرات مرتب ہوں گے۔ اس کے علاوہ دنیا کے کونے کونے میں جتنی بھی اسلامی تحریکیں اور جہادی تنظیمیں کام کر رہی ہیں ان کے حوصلے بھی بلند ہوں گے۔ 
	طالبان جس تیز رفتاری کے ساتھ شمال کی طرف بڑھ رہے ہیں اور ایک کے بعد دوسرا صوبہ اپنے زیر دست لا رہے ہیں ، اس سے واضح ہو رہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں طالبان کا سارے افغانستان پر مکمل کنٹرول یقینی ہے۔ اس کے بعد طالبان کے فہم و فراست کا امتحان شروع ہو جائے گا کہ وہ کس طرح سارے افغانستان پر اپنے کنٹرول کو مستحکم کرتے ہیں اور کس طرح سارے افغانستان میں پائیدار امن قائم کرتے ہیں کیوں کہ کسی بھی ملک کے لیے امن و امان سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ اس کے بعد دوسری ضرورتوں کا نمبر آتا ہے۔ افغانستان پر طالبان کا مکمل کنٹرول ہوا ہی چاہتا ہے۔ اب طالبان کو چاہئے کہ اپنے تمام مخالفین کو عام معافی دے دیں۔ اسی طرح کے اقدامات سے افغانستان روز روز کے خون خرابے سے بھی پاک و صاف ہو جائے گا اور اس سے امن و امان کو بھی استحکام ملے گا۔ افغانستان میں چونکہ ایک قوم نہیں بستی بلکہ یہاں دوسری اقوام مثلاً ازبک، تاجک، ترکمان، ہزارہ اور دوسری کئی چھوٹی چھوٹی اقوام ہیں ان میں بہت سے طالبان کے خیر خواہ تھے لیکن مخالفت پر مجبور ہوئے۔ اس لیے طالبان کو چاہئے کہ ان کو بھی کسی نہ کسی حد تک نمائندگی دیں تاکہ وہ طالبان حکومت کے لیے آنے والے وقت میں مشکلات پیدا نہ کریں کیوں کہ آنے والا وقت دوبارہ لڑائی جھگڑوں میں ضائع کرنے والا نہیں ہو گا بلکہ اسے صرف اور صرف افغانستان کے از سرنو آباد کرنے اور تعمیر پر صرف کرنا ہو گا۔ پچھلے بیس سال میں افغانستان کھنڈر بن چکا ہے اور جتنا وقت افغانستان کی بربادی پر صرف ہوا ہے اس سے دگنا عرصہ اب تعمیر نو پر صرف کرنا پڑے گا۔ 
	افغانستان کی تعمیر و ترقی کا کام مشکل بھی ہے اور جاں گسل بھی لیکن ناممکن اس لیے نہیں کہ جتنے بھی اسلامی ممالک ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں ہر قسم کے وسائل سے مالا مال کیا ہے۔ اگر وہ سارے مل کر افغانستان کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کے لیے کچھ نہ کچھ مالی امداد فراہم کریں تو پھر شاید چند ہی سالوں میں افغانستان دوبارہ ترقی و خوشحالی کی منازل کی طرف رواں دواں ہو جائے گا۔ طالبان کو سفارتی سطح پر دنیا کو یہ پیغام دینا چاہئے کہ ہماری جنگ کسی بھی ملک کے خلاف نہیں ہم اپنے ملک میں امن چاہتے ہیں اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں اپنے مقاصد میں کامیابی و کامرانی عطا کی ہے۔ خاص کر اپنے ہمسایہ ممالک سے تسلیم ہونے کے بعد اچھے اور دوستانہ تعلقات کا دوبارہ آغاز کریں تاکہ ان کے ذہن بھی طالبان مخالف شکوک سے پاک ہو جائیں۔ اقوام متحدہ کو بھی چاہئے کہ وہ طالبان حکومت کو تسلیم کریں تاکہ دوسرے ممالک کے لیے راستہ صاف ہو جائے اور وہ طالبان حکومت کو تسلیم کریں۔ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ جنرل اسمبلی کی نشست طالبان کو دے دیں تاکہ بیرونی سطح پر طالبان دوسرے ممالک سے اپنے دوستانہ تعلقات آسانی سے استوار کر سکیں۔ امید کی جاتی ہے کہ افغانستان میں طالبان کے پاؤں جب ذرا جم جائیں گے تو وہ اقوام متحدہ، امریکہ اور دوسرے مغربی ممالک کے سارے خدشات دور کریں گے۔ جب ان کے پاس وسائل آ جائیں گے تو وہ خواتین کے لیے الگ تعلیمی اور فنی ادارے بھی کھولیں گے اور اسلامی اصولوں پر کار بند رہتے ہوئے خواتین کو دوسری خواتین کے ساتھ کام کرنے کی بھی اجازت دیں گے۔ اقوام متحدہ کے لیے اب افغانستان میں بہت کام ہے۔ اس کی ساری بڑی ایجنسیاں اور شعبے اگر طالبان سے افہام و تفہیم سے کام لیں تو وہ افغانستان میں بہت کچھ تعمیری و فلاحی کام کر سکیں گے۔ کیوں کہ اقوام متحدہ کے لیے تو سب سے اہم کام افغان مہاجرین کی اپنے ملک واپسی اور ان کی دوبارہ آباد کاری ہو گا۔ یہ سارے کام اس وقت ممکن ہوں گے جب اقوام متحدہ طالبان کی (اسلامی امارات افغانستان) حکومت کو تسلیم کر لے۔  
(27ستمبر 1998ء)
٭٭٭



امریکا کی اسلام دشمنی اور اس کا ردِ عمل 

	یہ تاریخی حقیقت ہے کہ جب آپ کسی کے ذاتی معاملات میں دخل اندازی کریں گے تو آپ اپنے نجی معاملات کو دوسروں کی مداخلت سے نہیں بچا سکیں گے۔ اسی طرح بین الاقوامی سطح پر بھی جب کوئی ملک دوسرے ملک کے سیاسی معاملات میں مداخلت کرتا ہے اور اس کی پالیسیوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتا ہے تو یہ یقینی بات ہوتی ہے کہ وہ ملک اگر فوجی اور مالی لحاظ سے دوسرے (مداخلت کرنے والے) ملک کے مد مقابل نہ ہو تو وہ دوسرے طریقے اور ذرائع اختیار کرنے کی کوشش کر تا ہے یعنی مداخلت کرنے والے ملک کے اثرات سے اپنے آپ کو کسی بھی طریقے سے بچانے کے لیے ہاتھ پیر ہلاتا ہے۔ 
	امریکہ اور مغربی ملکوں کی اسلام دشمنی اور مسلمان ملکوں کے خلاف سازشیں اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں بلکہ افسوس کا مقام تو یہ ہے کہ ایک تو مسلمانوں کے اپنے لیڈروں کی بے حسی اور کچھ عام مسلمانوں کی بے کسی کی وجہ سے وہ اپنے یا اپنے مسلمان بہن بھائیوں پر مظالم دیکھتے ہوئے بھی کچھ نہیں کر سکتے۔ جس کی تازہ ترین جھلک ہمیں کو سوؤ کے مسلمانوں پر سرب فوج کی جارحیت کی شکل میں نظر آتی ہے۔ جہاں مسلمانوں کو ختم کیا جا رہا ہے اور باقی ساری دنیا نے آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بھی سوئی ہوئی ہے۔ اس کا کام تو بس یہی رہ گیا ہے کہ کسی طرح امریکہ کو خوش رکھنے کے لیے عراق کے خلاف کوئی نئی قرار داد منظور کر لے اور یہ کہ پاکستان یا کسی اور اسلامی ملک کے خلاف کون کون سی پابندیاں لگانی ہیں۔ 
	امریکہ اور اس کے کاسہ لیسوں کی ان تمام اسلام دشمن کارروائیوں کو دیکھ کر انسان کے ذہن میں سوال اٹھتا ہے کہ آخر یہ سب کچھ مسلمانوں اور عالم اسلام کے خلاف کیوں ؟ امریکہ اور اس کے حواریوں کے ذہنوں پر یہ بھوت سوار ہو گیا ہے کہ جو کچھ ہم سوچتے اور سمجھتے ہیں یعنی دوسری اقوام خاص کر مسلمان بھی اسی طرح سوچیں اور سمجھیں۔ ہم جس چیز اور بات کو ٹھیک کہتے ہیں وہ بھی اسے ٹھیک کہیں اور جس چیز کو غلط سمجھتے ہیں اسے غلط سمجھیں لیکن یہ ان کی خام خیالی ہے۔ درحقیقت مسلمان اللہ تعالیٰ کے سوا کسی اور طاقت کو نہ مانتے ہیں اور نہ کسی کے ٹھونسے ہوئے نظریات کو اپنے آفاقی نظریات پر ترجیح دیتے ہیں۔ 
	عالم اسلام کی بدقسمتی یہی ہے کہ اس کے عام لوگ تو امریکہ اور دوسری سامراجی اور استعماری طاقتوں سے نفرت کرتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ کسی طرح بھی ان کے پھیلائے ہوئے دام میں نہ آئیں جبکہ ان کے لیڈر انہی طاقتوں کے اشاروں پر ناچتے ہیں اور انہی طاقتوں کے دباؤ پر اپنے اپنے عوام پر عوام دشمن پالیسیاں مسلط کرتے ہوئے اپنی نام نہاد حکومتوں کو دوام دیتے ہیں اور جب ان کا ایک فرد (ایمل کانسی) عالم اسلام کی عزت کی خاطر تنہا امریکہ سے لڑتا ہے اور اس کے خلاف جہاد کرتا ہے تو یہ لیڈر اس کو برضا و رغبت امریکہ کے کارندوں کے ذریعے اپنی دھرتی سے پکڑوا دیتے ہیں۔ پھر اس کا ذکر بھی دہشت گرد کے نام سے کرتے ہیں۔ 
	دہشت گردی کیا ہے؟ اس کی تعریف کیا ہے؟ اس کی عام فہم اور مختصر سی تعریف یہی ہے کہ ’’جب آپ استعماری اور سامراجی طاقتوں سے اپنے خطے، عوام اور اپنے لیے سیاسی و معاشی حقوق اور آزادی مانگتے ہیں لیکن جب یہ حقوق آپ کو نہیں دیئے جاتے اور آپ اس کے حصول کے لیے کوئی اور راستہ اختیار کر لیتے ہیں تو آپ کے لیے یہ (حق خود ارادیت) جہاد ہوتی ہے جبکہ استعماری طاقت اور دشمن کی نظروں میں یہ دہشت گردی ہے۔‘‘ اگر ہم بہت دور نہ جائیں صرف مسئلہ کشمیر کی طرف دیکھیں تو یہی دو صورتیں ہمیں واضح طور پر دکھائی دیتی ہیں۔ عالم اسلام کی تمام جہادی قوتوں کو خواہ وہ کسی بھی ملک میں ہوں ، استعماری طاقتوں نے کسی نہ کسی طرح دبائے ہوئے رکھا ہے لیکن جہاد ایک ایسا جذبہ اور باغیرت مسلمان کا ایسا زیور ہے جس کو زیادہ دیر تک کوئی دبا نہیں سکتا۔ جس طرح ہم آج کل تمام عالم اسلام میں امریکہ اور مغربی ملکوں کے خلاف مسلمانوں کے جذبات دیکھتے رہتے ہیں کہ یہ استعماری ملک کو سوؤ، کشمیر، فلسطین اور دنیا کے دوسرے حصوں میں جہاں مسلمانوں پر مظالم ہو رہے ہیں ، کیا کر رہے ہیں ؟ جب سلامتی کونسل، امریکہ اور اس کی حواری تنظیموں اور ملکوں کو مسلمانوں پر ڈھائے گئے مظالم نظر نہیں آتے تو یہی جہادی قوتیں اور تحریکیں اٹھ کھڑی ہوتی ہیں اور وہ بزور طاقت مسلمانوں کے چھینے ہوئے حقوق حاصل کرنے کی کوششیں کرتے ہیں تو امریکہ کی نظروں میں یہ مجاہدین دہشت گرد بن جاتے ہیں۔ 
	سعودی عرب میں عدالتی نظام انتہائی سخت ہے اور جرم ثابت ہونے پر فوری سزا دی جاتی ہے۔ قاتل کا سر قلم کیا جاتا ہے۔ اسی طرح سمگلروں سے بھی نمٹا جاتا ہے لیکن اسلام دشمن افراد کے لیے قوانین میں نرمی برتی جاتی ہے۔ اس کی مثال برطانیہ کی دو نرسوں کی ہے۔ وہ دونوں سعودی عرب کے قانون کے مطابق واجب القتل تھیں لیکن ان نرسوں کو دباؤ میں آخر برطانیہ واپس بھیج دیا گیا جبکہ اگر کسی مسلمان ملک کے فرد سے سعودی عرب کے کسی ائیر پورٹ پر کری پاؤڈر یا تمباکو، جس سے نسوار بنائی جاتی ہے، بھی برآمد ہو جائے تو دوسرے جمعے کے دن اس بیچارے کا سر قلم کر دیا جاتا ہے۔ 
	اسی تضاد یا دہرے معیار کو جب ہم دیکھتے ہیں تو اسامہ بن لادن کو مجاہد کہیں گے یا دہشت گرد؟ اس مرد مجاہد کی افغانستان میں موجودگی کے ڈر سے امریکہ نے پاکستان سے اپنا سارا سفارتی عملہ واپس بلا لیا ہے۔ تقریباً تین چار ہفتے پہلے امریکی صدر بل کلنٹن نے اپنے ایک بیان میں پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بر صغیر میں جو کچھ ہوا ہے اس پر اہل مغرب کا ہی نہیں امریکی بچوں کے مستقبل کا بھی انحصار ہے۔ بل کلنٹن کو صرف امریکہ اور اہل مغرب کے بچے عزیز ہیں۔ کیا اسے مسلمان بچوں کا کبھی خیال آیا کہ ان پر کو سوو،کشمیر،فلسطین، افغانستان اور عراق میں کیا گزرتی ہے؟ کیوں کہ بچے کسی کے بھی ہوں صرف بچے ہوتے ہیں۔ امریکہ کے اسی تضاد کو دیکھ کر مسلمانوں میں اس کے خلاف نفرت کے جذبات ابھرتے ہیں اور پھر وہ چاہتے ہیں کہ کسی طرح امریکہ کے خلاف اپنے جذبات کا کھلم کھلا اظہار کر سکیں۔ نیروبی اور دارالسلام میں حالیہ بم دھماکے بھی انہیں جذبات کا ایک اظہار ہی تو ہیں۔ اس میں بیگناہ لوگ بھی مارے گئے لیکن اصل نشانہ تو امریکی ہی تھے پھر کلنٹن کی آنکھوں میں امریکیوں کے لیے آنسو بھی آتے ہیں اور وہ ان کے لیے روتے بھی ہیں۔ کبھی وہ مسلمانوں کے مرنے پر بھی روئے ہیں یا کبھی افسوس کرنا ہی گوارا کیا ہے؟ دنیا کے کسی بھی خطے میں جو افراد گولیوں کا نشانہ بنتے ہیں ان کا تعلق چاہے کسی بھی مذہب سے ہو، یہ سارا اسلحہ اور گولہ بارود امریکہ یا کسی اور مہذب ملک کے اسلحہ خانوں سے نکل کر وہاں پہنچتا ہے۔ 
	کبھی اس مہذب معاشرے کے بسنے والوں نے اپنے اسلحہ خانوں کے خلاف کوئی مظاہرہ یا احتجاج کیا کہ اس اسلحے اور گولہ بارود کو دنیا کے ان حصوں میں نہ بھیجا جائے جہاں اسے مسلمانوں کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے بلکہ یہ مہذب لوگ مظاہرہ اس وقت کرتے ہیں جب مسلمانوں کے لیے قربانی کے جانور یورپ میں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کئے جاتے ہیں کہ مسلمان اس بیچارے جانور کو نشہ دئے بغیر اس پر چھری پھریں گے۔ اس ترقی یافتہ اور مہذب قوم کی حالت اس وقت قابل دید ہوتی ہے جب مسلمانوں کی کسی مذہبی رسم میں خلل ڈالنا ہو۔ 
	پچھلے دنوں برطانوی انٹیلی جنس ادارے کے ایک افسر نے کئی انکشافات کئے کہ ’’کس طرح برطانوی انٹیلی جنس ادارے نے حکومت کی ایما پر لیبیا کے صدر کرنل قذافی کے قتل کا منصوبہ بنایا تھا۔‘‘ وہ تو اللہ نے قذافی کو بچایا کہ بم کسی اور موٹر کار کے نیچے غلطی سے رکھا گیا تھا۔ پھر آگے چل کر اس نے بتایا کہ ’’یہ کتنے افسوس بلکہ شرم کی بات ہے کہ برطانیہ جیسے مہذب ملک کا انٹیلی جنس ادارہ کسی اور ملک کے سربراہ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنائے۔‘‘ کسی ملک کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی اور اس کے سربراہ کو قتل کرنے کے منصوبے بنانا، مہذب ملکوں کی دہشت گردی نہیں تو اور کیا ہے؟ اس قسم کے واقعات دیکھ اور سن کر مسلمانوں میں امریکہ اور مغربی ملکوں کی استعماریت اور سامراجیت کے خلاف جذبات کا بھڑکنا ایک قدرتی بات ہے، کیوں کہ ’’تنگ آمد بجنگ آمد‘‘۔ 

(6 اکتوبر 1998ء)
٭٭٭


عالمی سیاست پر تیل کے اثرات 

	تیل کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی اہمیت رکھتا ہے۔ خاص کر صنعتی ممالک کا تو تیل کے بغیر گزارہ ہی نہیں ہوتا، جن ممالک کو اللہ تعالیٰ نے قدرتی وسائل سے مالا مال کر دیا ہے۔ ان میں اکثریت مسلمان ممالک کی ہے۔ جن کے وسائل میں تیل سب سے اہم اور منافع کمانے والے عنصر کا کردار ادا کرتا ہے، لیکن بد قسمتی سے جن مسلم ممالک سے تیل نکلتا ہے۔ اس پر نہ تو ان کا مکمل کنٹرول ہے اور نہ وہ اس کی قیمت اپنی مرضی سے مقرر کر سکتے ہیں۔ جب بھی عالمی مارکیٹ میں تیل کی ترسیل یا اس کی پیداوار میں کمی آ جاتی ہے تو امریکہ کے کہنے پر تیل پیدا کرنے والے ممالک پیداوار میں اضافہ کر دیتے ہیں۔ اس طرح وہ مغربی ممالک اور امریکہ کے تیل کی ضروریات میں کمی نہ کر کے ان کی معیشت کو بچا لیتے ہیں۔ 
	تیل کا بطور اسلحہ کا استعمال تو ماضی کا قصہ بن گیا ہے۔ اب نہ تو مسلم دنیا میں 1973ء والے سیاستدان ہیں اور نہ وہ اتحاد۔ اب تو سب کچھ بدل گیا ہے۔ تیل مسلمانوں کا اور مرضی امریکہ کی۔ ساری دنیا جو آج کل غیر محفوظ اور ابتری کا شکار نظر آ رہی ہے۔ اس کی اصل وجہ بھی یہی تیل ہے۔ ویسے تو کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کا انحصار تیل پر اور صنعتوں کے منافع بخش پیداوار پر ہوتا ہے، لیکن مغربی ممالک کو کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ ضرورت تیل کی ہوتی ہے۔ اس لیے اس کو حاصل کرنے کے لیے وہ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ جیسا کہ آج کل ہم دیکھ رہے ہیں کہ امریکہ اور مغربی ممالک نے دنیائے اسلام کے ان ممالک کے ساتھ کیا کیا جو ان کے مفادات کے سامنے دیوار بن سکتے ہیں۔ یا دوسرے الفاظ میں وہ اسرائیل کے لیے کسی بھی موڑ پر خطرہ بن سکتے ہیں۔ 
	سیاسی طور پر مغربی ممالک اور امریکہ یہی چاہتے ہیں کہ کوئی بھی مسلمان ملک دفاعی طور پر ایسا ترقی یافتہ نہ ہو سکے کہ وہ بعد میں کسی بھی موڑ پر ان کے لیے اور خاص کر اسرائیل کے لیے خطرہ ثابت ہو۔ ان کا مدعا یہی ہے کہ اگر کوئی طرز حکومت ہے دنیا میں تو وہ صرف جمہوریت ہے۔ یہ ہمیں پسند ہے اور مسلمانوں کو بھی پسند ہونا چاہئے اور جس طرح کی حکومت ہم ان پر مسلط کرنا چاہتے ہیں ، عوام بھی اسی کو پسند کریں۔ چاہے ان کے مذہبی نظریات سے مطابقت نہیں رکھتی ہو پھر بھی ان کو تسلیم ہونا چاہئے۔ اسی طرح یہ ممالک اب مسلمانوں کے مذہب میں بھی اختراع اور بگاڑ کی کوشش کر رہے ہیں۔ اصل میں امریکہ چاہتا تو یہی ہے کہ کوئی مسلمان چاہے یا نہ چاہے (نعوذ باللہ) مذہب میں تبدیلی کرے لیکن مغربی جمہوریت کو تبدیل کئے بغیر تسلیم کرے۔ دو چار ہفتے پہلے نیو یارک میں عورت کی امامت کا جو ڈرامہ رچایا گیا کہ عورت امامت کر سکتی ہے اور عورتیں اور مرد، عورت کی امامت میں نماز ادا کر سکتے ہیں۔ مغربی ممالک ایک طرف سیاسی طور پر مسلم ممالک کو زیر نگین بنا رہے ہیں اور دوسری طرف اسلام میں بھی طرح طرح کی اختراع کی جسارت کر رہے ہیں اور نام دے رہے ہیں اس کو مذہبی روشن خیالی اور اعتدال پسندی کا۔ 
	ایک خاص سازش کے تحت پاکستان کے پاکیزہ معاشرہ کو روشن خیالی اور لبرل ازم کی لعنت سے تباہ و برباد کیا جا رہا ہے۔ صرف اس لیے کہ مغرب کو دکھا سکیں کہ ہم تو اتنے روشن خیال اور لبرل ہیں کہ بے پردگی اور بے حیائی میں آپ سے بھی زیادہ گئے گزرے ہیں۔ 
	بات ہو رہی تھی مغربی ممالک کے دفاعی مفادات کی۔ اس میدان میں بھی امریکہ کسی بھی مسلمان ملک کو مضبوط نہیں دیکھنا چاہتا۔ جس کی زندہ مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔ ایران، عراق کو ایک دوسرے سے آٹھ سال تک لڑایا تاکہ جو اسلحہ مغربی ممالک اور امریکہ نے شاہ کے زمانے میں ایران کو اور صدام کے دور میں عراق کو دیا تھا، اسے ایک دوسرے کے خلاف استعمال کر کے ختم یا کم کر سکیں تاکہ کمزور ہو جائیں تو پھر ہم (مغربی ممالک) ان کے تیل پر آسانی سے قبضہ کر سکیں گے۔ 
	تیل کے کنٹرول کا یہی سلسلہ ابھی تک جاری ہے جو کہ ختم ہونے والا بھی نہیں۔ عراق کے حالات ابھی تک اتحادیوں کے مکمل کنٹرول میں بھی نہیں۔ جن پائپ لائنوں سے وہ تیل کی ترسیل کا منصوبہ بناتے ہیں ان کو عراقی حریت پسند راکٹوں کا نشانہ بنا کر ان کے منصوبوں کو خاک میں ملا دیتے ہیں۔ عراقی اب یہ سمجھتے ہیں کہ صدام حکومت ختم کرنا تو صرف ایک بہانہ تھا۔ اصل میں امریکہ اور ان کے اتحادیوں کا عراق کے نظام کو تباہ و برباد کرنے کے پیچھے تیل کی سیاست کار فرما تھی۔ 
	ایران کی ایٹمی توانائی کا مسئلہ جو مغربی ممالک اور امریکہ نے کھڑا کیا ہے۔ وہ بھی بس یہی ہے کہ ایران کو معاشی اور دفاعی طور پر اتنا کمزور کریں کہ نہ تو وہ عراق میں مداخلت کر سکے اور نہ شام سے مل کر لبنان کے حزب اللہ اور فلسطین کے حماس کی اسرائیل کے خلاف مدد کر سکے۔ ایران کے خلاف امریکی پالیسی ایک ایسی سمت میں جا رہی ہے کہ اگر وہ خود ایران پر حملہ نہ کر سکیں تو اسرائیل کو اجازت دے گا کہ عراق کی طرح ایران کے ایٹمی تنصیبات کو تباہ کردے۔ 
	شام نے بھی اپنی افواج امریکی دباؤ میں آ کر لبنان سے واپس بلا لی ہیں۔ مسلمان ممالک کے عوام جب اپنی کمزوریوں کو دیکھتے ہیں تو ان کی نظر صرف اپنے بدن پر ٹھہر جاتی ہے۔ اس لیے خودکش حملوں کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔ یہی ایک اپنے بدن کا نذرانہ ہے ان کے پاس جس کا نہ توڑ ہے کسی کے پاس اور نہ اسی کے ڈر سے مغربی ممالک کے حکمران اور عوام اسرائیل کے حکمران اور عوام آرام کی نیند سو سکتے ہیں اور نہ خودکش حملوں کو روک سکتے ہیں۔ یہ خودکش حملے اور 9/11 جیسے واقعات اس وقت تک نہیں رُک سکتے جب تک مغربی ممالک اور امریکہ اپنی پالیسیوں کو مسلمانوں کے حق میں تھوڑا سا تبدیل نہیں کرتے۔ کیوں کہ جتنی معاشی اور سیاسی نا انصافی مسلمانوں کے خلاف ہو رہی ہے وہ کسی اور قوم کے خلاف نہیں ہو رہی۔ اسی کے رد عمل کے طور پر مسلمان ممالک کے عوام مغربی ممالک اور امریکہ کے خلاف ہیں۔ 
	اللہ تعالیٰ نے تقریباً تمام قدرتی وسائل سے مسلمانوں کو مالا مال کر دیا ہے لیکن اس کے باوجود مسلمان خوار ہیں۔ کیوں ؟ اس کی وجہ مغربی ممالک کو بھی معلوم ہے اور مسلمان ممالک کے عوام کو بھی۔ اسی ایک وجہ کا علاج امریکہ نہیں کرتا اگر کرنا چاہتا بھی ہے تو اپنے مفاد میں اور یہ مسلمانوں کو منظور نہیں۔ مسلمان کہتے ہیں کہ دنیا کے تمام مسائل کا حل ہم بھی چاہتے ہیں۔ جس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے ہوں اور یہ کہ خون ہم بھی بہانا نہیں چاہتے لیکن ہمارے مسلمان بھائیوں کا خون بھی نہ بہایا جائے۔ ہمیں بھی اللہ کی مخلوق سے محبت ہے۔ ہم تمام مذاہب کی قدر کرتے ہیں لیکن ہم سے بھی تو کوئی پیار سے بات کرے۔ تو پھر نہ یہ خون خرابہ ہو گا اور نہ ہی کوئی مسئلہ باقی رہے گا۔ 
	پچھلے دنوں ایک خبر نظروں سے گزری کہ امریکہ اب سعودی عرب پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ قرآن پاک سے چند سورتیں ، آیات اور تاریخ اسلام سے ہمارے خلاف ذہن بنانے والے واقعات نکال دو۔ یہی وہ دل جلانے اور دُکھانے والی باتیں ہیں جو مسلمانوں کی برداشت سے باہر ہیں۔ مسلمانوں کے قدرتی وسائل (تیل) پر قبضہ ہو رہا ہے۔ ان کے حکمرانی کے طور طریقے بھی متعین کئے جا رہے ہیں کہ اپنے اسلامی طرز حکمرانی اختیار نہیں کرنا ہے اور نہ اپنی مرضی کرنی ہے۔ جو کچھ ہمیں پسند ہو وہ آپ کو بھی،دل چاہے یا نہ چاہے، پسند ہونا چاہئے۔ آپ کے خیالات،نظریات، طرز حکومت، زندگی گزارنے کے طور طریقوں اور مذہب پر بھی عمل کرنا ہو تو امریکہ کی اجازت سے ورنہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا مہر لگا دیں گے۔ 

(8 مئی 2005ء)
٭٭٭



جمہوریت کے نام پر مسلمان ممالک کے خلاف امریکی کارروائیاں 

	9/11 کے بعد سیاسی طور پر ساری دنیا پر جو اثرات مرتب ہوئے اس سے کوئی ذی شعور انکار نہیں کر سکتا۔ اس کے بعد مسلمان ممالک اور مسلم امہ کے خلاف جو کچھ ہو رہا ہے، وہ بھی کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں۔ امریکا کا دانشور طبقہ اب برملا کہتا ہے کہ عالمی امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ صدر بش ہی ہے کیونکہ اس نے دہشت گردانہ کارروائیوں کی وجہ سے ساری دنیا میں ایسی بدامنی پھیلائی ہے جس کی پہلے سے کہیں مثال نہیں ملتی۔ امریکا امن کے نام پر جس طرح عالمی بدامنی پھیلا رہا ہے یہ بھی سب کو معلوم ہو چکا ہے۔ اس نے جمہوریت کے نام پر مسلم ممالک کے حکمرانی کے نظام کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔ با شعور لوگ یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ امریکا نے افغانستان پر نام نہاد جمہوریت مسلط کر دی ہے جس کا دائرہ کار صرف اور صرف کابل تک محدود ہے۔ کابل سے باہر نہ ہی جمہوریت اور نہ ہی امن و امان کی صورت حال نظر آ رہی ہے۔
	9/11 کا بدلہ امریکا نے افغانستان کے طالبان سے لے لیا ہے۔ حالانکہ طالبان نے افغانستان میں مکمل امن و امان قائم کر دیا تھا اور ملک آہستہ آہستہ استحکام کی طرف بڑھ رہا تھا۔ وہاں اسلامی نظام بھی نافذ تھا لیکن امریکا اور یورپی ممالک یہ کیسے برداشت کر سکتے تھے۔ طالبان امریکا کی نام نہاد جمہوریت کے نفاذ میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے تھے۔ وہ امریکا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے تھے اور انھوں نے مسلمانوں کے خیرخواہ اور عظیم لیڈر کو افغانستان میں پناہ دے رکھی تھی۔
	امریکا اور یورپی ممالک نے مل کر 9/11 کے واقعات کو بہانہ بنایا اور افغانستان میں طالبان کی اسلامی حکومت ختم کر دی۔ اس کی آبادیوں کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا۔ اس نے عام لوگوں پر اتنے بم برسائے جتنے سوویت یونین نے دس سالوں میں بھی نہیں برسائے ہوں گے۔ طالبان کی اسلامی حکومت کا ختم ہوتے ہی افغانستان میں امن و امان کا مسئلہ اتنا بگڑا کہ ابھی تک افغانستان میں امن قائم نہیں ہو سکا ہے۔ کرزئی کی نام نہاد جمہوریت بین الاقوامی افواج کی موجودگی کے باوجود صرف کابل تک محدود ہے۔ کیونکہ گزشتہ عام انتخابات میں جیتنے والوں کی اکثریت جہادی تنظیموں اور وارڈلارڈز کی تھی جنہوں نے روس کے خلاف جہاد میں حصہ لیا تھا۔ انہیں اب بھی اگر موقع ملا تو یہ اپنے جہادی جذبہ کو پھر سے تازہ دم کر کے امریکا کے خلاف جہاد کریں گے۔ اصل میں یہ لوگ نہ کرزئی کے ساتھ ہیں اور نہ ہی امریکا کے۔ اس لیے تو افغانستان میں اتحادی افواج کے خلاف کارروائیاں زور پکڑ رہی ہیں۔ اب طالبان برطانوی افواج کا بھی انتظار کر رہے ہیں کہ ایک بار پھر ان کو وہ سبق سکھا سکیں جن کے آبا و اجداد کو پرانے وقتوں میں افغانوں نے اپنی سرزمین پر سکھایا تھا۔ اس وقت خود کش حملوں میں اضافہ ہو چکا ہے جو امریکا کے لیے بڑی تشویش کی بات ہے۔ امریکی افواج کے حوصلے پست ہو رہے ہیں اور وہ اپنا وقت اس بات پر صرف کرنے میں لگی ہوئی ہیں کہ یہاں سے با عزت واپسی کیسے ہو گی۔ امریکا نے جمہوریت کے نام پر افغانستان میں جو تباہی پھیلائی ہے، اس کے بعد اب وہ عراق کا رخ کر رہا ہے۔
	افغانستان کے بعد امریکا عراق پر حملہ آور ہوا ہے اور بہانہ یہ بنایا گیا ہے کہ صدام عالمی امن کے لیے خطرہ ہے اور تباہی پھیلانے والے ہتھیار بھی تیار کر چکا ہے جس سے دنیا کے ہر ملک خصوصاً اسرائیل کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ عراق پر حملہ کرنے کا دوسرا بہانہ یہ تھا کہ وہاں صدام کی حکومت تبدیل کر کے جمہوریت قائم کی جائے۔ اور ان کے خیال میں لوگ صدام سے ایسے بے زار ہو چکے ہیں کہ امریکی افواج کے عراق میں داخل ہوتے ہی لوگ انھیں ہار پہنائیں گے۔ عراق میں الیکشن بھی ہوا، عوامی نمائندے بھی منتخب ہو گئے، اسمبلیاں بھی وجود میں آ گئیں لیکن وہی نہیں ہوا جس کا امریکا نے خاکہ بنایا تھا۔ سب کچھ امریکی خواہشات کے خلاف ہو رہا ہے۔ الیکشن کے نتائج کے بعد سے عراق میں دوسرا ایران بن رہا ہے۔ تباہی و بربادی ایسی پھیل رہی ہے کہ امریکیوں نے اس کے متعلق کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔ خودکش دھماکے تو روز کا معمول بن چکے ہیں اور امریکی افواج نفسیاتی مریض بن چکی ہیں۔ وہ خود کش حملوں کے بھی شکار ہو رہے ہیں اور خود بھی خودکشیاں کرنے پر آمادہ نظر آتے ہیں۔ کیوں کہ وہ چاہتے ہیں کہ اس دلدل سے کسی طرح باہر نکل سکیں جس کا فی الحال کوئی امکان نظر نہیں آتا۔ امریکی افواج عراق میں بری طرح پھنس چکی ہیں اور انھیں ویت نام یاد آ رہا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بھی دن بہ دن بڑھ رہی ہیں اور امریکی جنگی خسارہ تین ٹریلین ڈالر تک پہنچنے والا ہے۔ اب بش نے بھی اعتراف کیا ہے کہ عراق میں تباہی پھیلانے والے ہتھیار جن کی کھوج میں امریکا نے حملہ کیا تھا، موجود نہیں۔
	امریکا عراق میں نوشتۂ  دیوار پڑھ کر بھی ایران کی طرف پاؤں پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ امریکا افغانستان اور عراق میں جمہوریت کے نام پر تباہی و بربادی برپا کر کے اب ایران کی طرف للچائی ہوئی نظروں سے دیکھ رہا ہے۔ روز بروز یورپ اور اسرائیل کی ہم نوائی میں ایران کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے کہ ایران کا ایٹمی پروگرام پرامن نہیں اور ایران ایٹمی اسلحہ تیار کرنے کے بالکل قریب پہنچ چکا ہے۔ جب کہ ایران اس اَمر کی یقین دہانی کرانے میں مصروف ہے کہ وہ صرف جدید ایٹمی ٹیکنالوجی پر دسترس حاصل کرنے کے بعد اسے پرامن مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے اور ایٹمی ہتھیار بنانے کا ایران کا کوئی ارادہ نہیں۔ ویسے بھی پرامن ایٹمی توانائی کا حصول ہر ملک کا حق ہے۔ امریکا، یورپ اور اسرائیل یہ کبھی بھی برداشت نہیں کر سکتے کہ ایک دوسرا مسلمان ملک بھی جدید ایٹمی ٹیکنالوجی پر دسترس حاصل کرے۔
	شیطانی محور بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کے سربراہ محمد البرادی پر زور دے رہے ہیں کہ وہ جلد از جلد ایران کے خلاف ایجنسی سے عدم تعاون کا کیس تیار کر کے سلامتی کونسل میں بھیج دیں لیکن البرادی ایٹمی ایران کو مارچ تک کا وقت دینا چاہتے ہیں۔ ایران کے خلاف یا کسی بھی اسلامی ملک کے خلاف جو کچھ بھی ہوتا ہے اس میں اسرائیل اور جیوش لابی کا مکمل ہاتھ ہوتا ہے۔ یہ ایران کو بھی پتہ ہے کہ اس کے خلاف سب کچھ اسرائیل یعنی جیوش لابی کی طرف سے ہو رہا ہے۔ ایران کی ایٹمی توانائی تو سب کو نظر آرہی ہے اس لیے کہ وہ ایک مسلمان ملک ہے اور شیطانی محور یہ کبھی نہیں چاہتا کہ پاکستان کے بعد ایک اور مسلمان ملک ایران بھی ایٹمی قوت کا حامل بن جائے اور عالم اسلام کی دفاعی قوت میں اضافہ کرے۔ امریکا، مغربی اور انٹرنیشنل میڈیا کو تو ایران کا ایٹمی پروگرام نظر آ رہا ہے اور اس کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہا ہے اور اسے عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دے رہا ہے لیکن اس کے برعکس اسرائیل پاکستان سے بھی پہلے ایٹمی قوت بن چکا تھا یا اس نے اس پر دسترس حاصل کی تھی۔ صرف انہوں نے اس کا کھلم کھلا تجربہ اور اعلان نہیں کیا ہے ورنہ اسرائیل کے پاس دوسرے ایٹمی ممالک سے بھی زیادہ ایٹم بم موجود ہیں۔ جس طرح اسرائیل نے عراقی ایٹمی تنصیبات تباہ کئے تھے ہو سکتا ہے کہ ایران کے ساتھ بھی وہی کھیل کھیلے۔ اگر امریکا ایران پر براہِ راست حملہ نہ کرنا چاہے تو۔
	امریکا کو بہت ہی احتیاط سے قدم بڑھانا ہوں گے کیونکہ افغانستان اور عراق دونوں جگہ امریکا بری طرح جنگ ہا ر رہا ہے اور دیوانہ بش آخر کن کن ممالک کی حکومتوں کو گراتا اور کن کن حکمرانوں کو بدلتا رہے گا اور کہاں کہاں نام نہاد جمہوریت کا نفاذ کرتا رہے گا۔ اسے اب اپنی فکر کرنی چاہئے۔ ویسے تو احمدی نژاد جمہوری طریقے سے منتخب ہوئے ہیں ، ایرانی جمہوری طریقے سے، نہ کہ امریکی جمہوری طریقے سے۔ امریکا کو جمہوری طریقہ وہی قابل قبول ہوتا ہے جس سے اس کی پسند کی حکومت اور حکمران وجود میں آ جائیں ، نہ کہ احمدی نژاد کی طرح امریکا مخالف۔ فلسطین کے انتخابات میں حماس کی زیادہ سیٹیں جیتنے کی توقع ہے جو امریکا، یورپ اور اسرائیل (شیطانی محور) کو قابل قبول نہیں کیونکہ اس طرح بہت زیادہ جہادی جمہوری طریقے سے منتخب ہو جائیں گے۔
	مسلمانوں کے لیے بہتری کی راہ یہ ہے کہ وہ امریکی اثر و رسوخ سے باہر نکل آئیں اور اپنا ایک مشترکہ لائحہ عمل ایسا وضع کریں جس کے تحت ان کے سیاسی، معاشی، اقتصادی اور دفاعی مفادات مشترک ہوں۔ جس طرح یورپی یونین نے تمام یورپی ممالک کو ایک لڑی میں پرویا ہے حالاں کہ ایک اُمت کے تحت متحد ہونے کا درس تو ہمیں اسلام نے پندرہ صدی قبل دیا تھا لیکن ہم اسلام کے ان سنہری اصولوں کو بھلا چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج یورپ اور امریکا مسلمان ممالک کو ایک ایک کر کے کمزور کر رہے ہیں اور ہم بے بسی سے صرف تماشا دیکھنے پر مجبور ہیں۔

(17 فروری 2006ء)
٭٭٭


پختونخوا کب تک جلتا رہے گا؟

	پاکستان میں پے درپے خودکش حملوں اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال دیکھ کر ہر پختون خصوصاً اور پاکستانی عموماً یہی سوچ رہا ہے کہ ہمارے آبا و اجداد نے یہ ملک خداداد اس لیے آزاد کیا تھا اور اس لیے قربانیاں دی تھیں کہ ہمارے عاقبت نا اندیش حکمران پاکستان کو تھالی میں رکھ کر امریکیوں کے حوالے کر دیں۔ ہم بیرون ملک رہتے ہوئے، پختونوں کے گھر جلتے دیکھتے ہیں تو ہمارے دل، جگر اور دماغ جلتے ہیں کہ صرف ہمارے علاقے اور گھر کیوں جلتے ہیں ؟ سارا پاکستان اور خصوصاً پختون خوا دہشت گردی اور تباہی کا شکار کیوں ہے؟ یہ سوال جاننے کے لیے ہمیں ذرا ماضی میں جھانکنا ہو گا۔ 
	جب 1979ء میں سوویت یونین کی افواج افغانستان پر قبضہ کرنے کے لیے داخل ہوئیں اس وقت پاکستان میں ضیاء الحق کا دور تھا۔ امریکہ، مغربی ممالک اور ضیاء حکومت کے درمیان یہ طے پایا کہ اسلحہ اور پیسہ امریکہ اور اتحادی ممالک فراہم کریں گے جب کہ ضیاء حکومت روسی افواج کے خلاف لڑنے کے لیے مجاہدین فراہم کرے گی۔ اس طرح روسی اور امریکی مفادات کی جنگ کو جہاد کا نام دیا گیا۔ درمیان میں اقوام متحدہ کی وساطت سے افغان مسئلے کے حل کے لیے نہ ختم ہونے والے جنیوا مذاکرات شروع ہوئے۔ جنرل ضیاء عمداً جنیوا مذاکرات کو طول دیتے رہے کیوں کہ وہ افغان مسئلے پر امریکہ اور اتحادی ممالک سے پیسہ بٹورتے رہے اور اپنی حکمرانی کو طول بھی دیتے رہے۔ جب 1988ء میں جونیجو مرحوم نے افغان مسئلے کو حل کیا اور اس وقت کے پاکستان کے وزیر مملکت برائے خارجہ اُمور زین نورانی نے جنیوا میں افغان معاہدے پر دستخط کر دیئے تو جنرل ضیاء نے اس کے بعد دونوں یعنی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کو گھر بھیج دیا۔ کیوں کہ جنیوا معاہدہ جنرل ضیاء کی مرضی اور منشاء کے خلاف تھا۔ وہی مجاہدین جو کہ دنیا کے تقریباً ہر مسلمان ملک سے روس کے خلاف جہاد کرنے کے لیے افغانستان آ گئے تھے جنہیں امریکہ اور سارے یورپی ممالک کی اشیر واد حاصل تھی، اس لیے نہیں کہ یورپ کو مسلمان عزیز تھے یا امریکہ کو جہاد سے پیار تھا، ان کوتو صرف سوویت یونین کو شکست دینا تھا اور اس سے ویت نام میں اپنی شکست کا بدلہ افغانستان میں لینا تھا۔ 
	سوویت یونین کی شکست کے بعد امریکہ نے افغان مجاہدین اور پاکستان کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا۔ اس کے بعد جہادی وہیں رہے، ان کے رشتے ہو گئے، وہ اپنے خاندانوں کے ساتھ پاک افغان سرحد کے اِس پار اور اُس پار آباد ہو گئے، برسوں کے تھکے ہارے مجاہدین آرام کرنے لگے، جب کہ افغانستان غیر محفوظ ہاتھوں میں چلا گیا۔ 
	جب طالبان تحریک نے افغانستان میں جڑیں پکڑ لیں اور وہ دن بدن مضبوط ہوتی گئی تو یہ مجاہدین بھی ان میں شامل ہو گئے اور طالبان تحریک کو جلا بخشی۔ طالبان نے افغانستان میں تقریباً ایک مکمل اسلامی ریاست قائم کر لی تھی لیکن کچھ اپنی تنگ نظری، غلطیوں ، بے جا زور و زیادتیوں ، کچھ امریکہ اور یورپی ممالک کی عدم برداشت کی وجہ سے وہ افغانستان میں اپنی حکمرانی کو مستحکم نہ رکھ سکے۔ جب کہ 9/11کے واقعہ نے اس جلتی پر تیل کا کام کر دیا۔ طالبان کی حکمرانی ختم ہو گئی۔ اسامہ بن لادن اور اس کے ساتھیوں نے پاک افغان سرحد میں کہیں پناہ لے لی۔ یہ واقعہ امریکی اور مغربی ممالک کی ان ظالمانہ پالیسیوں کے رد عمل میں ہوا جو وہ مسلمانوں کے خلاف بناتے ہیں۔ امریکہ اور یورپ کا دوغلا پن ہم فلسطین (مشرق وسطیٰ) میں دیکھ رہے ہیں۔ امریکہ کو فلسطینیوں کے راکٹ تو نظر آتے ہیں ، لیکن اسرائیل کا میزائل، ٹینک، بمبار جہاز اور ایٹمی اسلحہ نظر  نہیں آتا۔ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ عالمی نا انصافیوں سے عالمی بد امنی جنم لیتی ہے۔ 

9/11کے پاکستان کی سیاست اور اقتدار اعلیٰ پر اثرات :
	جب ہم پاکستان کی آزادی سے لے کر اب تک کی مختصر تاریخ پر نظر ڈالتے ہیں تو احساس ہوتا ہے کہ شہید لیاقت علی خان کا روس کے دورے کی دعوت ٹھکرا کر امریکہ کے دورے پر روانہ ہونے سے جنرل پرویز مشرف کی ایک ہاں ’’میں تمہارے ساتھ ہوں ‘‘ تک کبھی بھی ہم فوجی حکمرانی کے دور میں با اختیار نہیں رہے، اور جب بھی با اختیار رہے تو ہمارے قائدین اور پارلیمنٹ نے ٹھیک ٹھیک فیصلے بھی کیے اور اندرونی حالات بھی ٹھیک رہے۔ 
	پاکستان بننے کے وقت ہمارے غیرت مند قبائلی پختونوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھ معاہدہ کیا تھا کہ ہم سب قبائل پاکستان کے ساتھ رہیں گے لیکن اس شرط پر کہ ہمارے پختون قبائلی روایات، رسم و رواج کو نہ چھیڑا جائے، جس کو قائد اعظم نے سر آنکھوں پر قبول کیا تھا۔ جس کے بعد نہ تو پاکستان کو پختون قبائل سے شکایت رہی اور نہ قبائل کو پاکستان سے…لیکن  9/11 کے بعد امریکہ کے کہنے پر پرویز مشرف پختون قبائل اور اسلامی مدرسوں کے خلاف ہو گئے۔ بہانہ یہ بنایا گیا کہ قبائلی علاقوں اور مدرسوں سے دہشت گردی پھیل رہی ہے، حالاں کہ دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد بش اور اسرائیل ہیں جس کا عالمی میڈیا ذکر تک گوارا نہیں کرتا۔ ساری دنیا صرف مسلمانوں اور پختون طالبان کے پیچھے پڑ گئی ہے کہ یہ سب سے بڑے دہشت گرد ہیں۔ درحقیقت ہوا کیا، امریکہ نے مسلمانوں اور افغان مجاہدین کو سوویت یونین کے خلاف استعمال کیا، افغان اور پختون وہ قوم ہے جو برطانوی فوجیوں کے خلاف بھی لڑی، ان کو شکستیں بھی دیں ، افغانستان روسی اور برطانوی راج کے درمیان Buffer Stateبھی بنا رہا۔ جب کہ سرد جنگ بھی افغانستان کی سرزمین سے شروع ہوئی تھی۔ پہلے روس اور برطانیہ کے درمیان پھر روس اور امریکہ کے درمیان۔ افغان مجاہدین نے سوویت یونین کو شکست دی جو کہ حقیقت میں امریکی مفادات کی لڑائی لڑ رہے تھے۔ روس کی شکست کے ساتھ ہی سرد جنگ بھی ختم ہو گئی۔ وہ سرد جنگ جو افغانستان کی سرزمین سے شروع ہوئی کبھی گرم ہو جاتی اور کبھی سرد، افغانستان ہی کی سرزمین میں روس کی شکست کے ساتھ دفن ہو گئی۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ امریکہ اور مغربی ممالک سارے مسلمانوں اور افغان مجاہدین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے کہ آپ لوگوں کے مصمم ارادوں اور ایمانی طاقت سے ہم نے روس جیسی سپر طاقت کو شکست دے دی، الٹا امریکہ، یورپی ممالک مسلمانوں اور مجاہدین کے خلاف بر سر پیکار ہو گئے۔ افغان مجاہدین تو اس خوش فہمی میں مبتلا تھے کہ ہم نے ایک سپر پاور کو جو کہ مسلمانوں کی دشمن تھی، جس نے ایک مسلمان ملک پر قبضہ کرنے کی غرض سے حملہ کیا تھا، کو شکست دی۔ ان کے ذہنوں میں شاید یہ بھی تھا کہ امریکہ اور مغربی ممالک افغان مجاہدین کے اس بڑے کارناموں پر اس کی حوصلہ افزائی کریں گے اور ان کے احسان مند رہیں گے اور جو دوستی ان کی افغان جنگ کے وقت قائم ہوئی تھی اسے بر قرار رکھیں گے۔ 
	امریکہ نے سوویت یونین کی شکست اور جنیوا معاہدے کے بعد افغانستان، پاکستان اور مجاہدین کو نہ صرف بے یارو مدد گار چھوڑ دیا بلکہ جنیوا معاہدے میں روسی فوجوں کی واپسی کے بعد افغان حکومت کے خدوخال کیا ہوں گے، اس کا ذکر تک نہیں کیا۔ یہیں سے حالات نے پلٹا کھایا، افغان مجاہدین ایک دوسرے سے بر سر پیکار ہو گئے اور جو اسلحہ اور بارود امریکہ نے ان کو روس کے خلاف استعمال کرنے کے لیے دیا تھا وہ ایک دوسرے کے خلاف استعمال کرنے لگے۔ امریکی سی آئی اے نے جنرل ضیاء کو جہاز کے حادثے میں مروا دیا، اب امریکہ کو نہ ضیاء اور نہ ہی مجاہدین کی ضرورت رہی تھی، اس کا تو کام تھا سوویت یونین کو شکست دینا جو کہ اس کو ہوئی۔ 
	سوویت یونین کی شکست کے بعد امریکہ اللہ تعالیٰ کی زمین پر اکیلا سپر پاور بن گیا اور تا وقت اسے لگام دینے کے لیے کوئی دوسرا سپر پاور یا اس کے مقابلے کا دوسرا ملک موجود نہیں ہے۔ امریکہ کی توپوں کے دہانے اب مسلمانوں اور مجاہدین کی طرف ہو گئے۔ مجاہدین اور اسامہ بن لادن جو امریکہ کی خاطر روسی فوجوں سے لڑر ہے تھے اور امریکہ کے دوست بھی تھے، اچانک دہشت گرد بن گئے۔ امریکہ نے اب ان کو ختم کرنے کی ٹھانی۔ یہاں مجھے امریکہ کے ایک سابق وزیر خارجہ ہنری کسنجر کی یہ بات یاد آئی ہے کہ ’’امریکہ کی نہ دوستی اچھی ہے نہ دشمنی۔‘‘
	امریکہ نے افغان جنگ کے وقت جنرل ضیاء کو یہ کام سونپا تھا کہ مجاہدین بناؤ، ان کو ٹریننگ دو، پیسہ ہم دیں گے اور 9/11 کے بعد جنرل پرویز مشرف کو یہ کام سونپ دیا گیا کہ مجاہدین اور ان کے ٹریننگ کیمپ کو ختم کرو پیسہ ہم دیں گے۔ جنرل ضیاء کے دور میں ہمارے فوجی افغان مجاہدین کے ساتھ روسی فوجوں کے خلاف لڑ رہے تھے اور آج بھی پاکستانی فوجی جوان دوبارہ امریکہ کی لڑائی انہی مجاہدین کے خلاف لڑ رہے ہیں ، جو کسی وقت ضیاء نے بنائے تھے۔ ضیاء دور کی لڑائی افغانستان کی پختون زمین پر لڑی جا رہی تھی، جب کہ پرویز مشرف کی لڑائی پاکستان کی پختون دھرتی پر لڑی جا رہی ہے کیوں کہ 9/11 کے بعد جنرل پرویز مشرف کی ایک ’’ہاں ‘‘ کی وجہ سے امریکہ اور مجاہدین کی لڑائی پاکستان کے پختون علاقوں میں آ گئی ہے۔ 
	جب ہم اپنی دھرتی ماں کی طرف دیکھتے ہیں تو ہمیں پختونوں کے گھر جلتے نظر آتے ہیں۔ اس کی وجہ مسلمانوں اور پختونوں کے خلاف امریکی پالیسیاں ہیں اور ان پالیسیوں کو پرویز مشرف عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔ امریکہ اور اسرائیل کی خاطر اس نے اپنے پڑوسی طالبان کی حکومت کو ختم کیا، وہ بھی سب کے سب پختون تھے اور پختون بدلہ اور انتقام ضرور لیتا ہے۔ اس کے بعد پرویز مشرف حکومت نے امریکی خوشنودی کے لیے سارے پختون قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن شروع کیا۔ اس طرح ایک فرد واحد کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے سارا پاکستان عام طور پر اور پختون خوا خاص طور پر بدامنی اور بارود کا ڈھیر بن گیا۔ 
	ادھر افغانستان میں پختون مر رہے ہیں ، ادھر پاکستان کے جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، باجوڑ ایجنسی، مہمند ایجنسی، درہ آدم خیل، بنوں ، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، پارہ چنار، پشاور، چار سدہ، مردان اور سوات سب جگہ پختون مر رہے ہیں۔ 
	با وثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ پاک افغان بارڈر پر جو ہزاروں پاکستانی فوجی تعینات ہیں ، ان میں بھی زیادہ تر تعداد پختون جوانوں کی ہے اور پختونخوا کے سارے متاثرہ علاقوں میں بھی زیادہ تر فوجی پختون ہیں۔ امریکہ اور پرویز مشرف کی پالیسی کچھ اس طرح سے ہے کہ دونوں طرف سے اگر کوئی مرے تو پختون ہی مرے۔ 

افغانستان اور پاکستان کے طالبان:
	پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد کو ڈیورنڈ لائن کے نام سے پکارا جاتا ہے جس کے دونوں طرف رہنے والوں کی اکثریت پختون ہے۔ جنہوں نے کبھی بھی کسی کی غلامی قبول نہیں کی۔ انگریزوں کے خلاف بھی لڑے، پھر روسیوں کے خلاف لڑے یہاں تک کہ ان کو شکست سے دوچار کر دیا اور اب دوبارہ افغانستان میں امریکہ اور اتحادی افواج کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ 
	افغان طالبان اور پاکستان کے طالبان میں فرق یہ ہے کہ افغان طالبان امریکی اور اتحادی افواج سے اپنی زمین آزاد کرانے کے لیے لڑ رہے ہیں جب کہ پاکستان کے مقامی طالبان امریکی پالیسیوں کے رد عمل کے طور پر اپنے بھائیوں کے خلاف لڑ رہے ہیں جس میں دونوں اطراف سے زیادہ تر پختون مر رہے ہیں۔ وہ بش/اُبامہ سے بدلہ لینا چاہتے ہیں لیکن وہاں تک یہ پہنچ نہیں سکتے تو اس کا بدلہ وہ پاکستانی افواج اور پولیس سے لے رہے ہیں کیوں کہ پرویز مشرف امریکہ کی خوشنودی کے لیے باجوڑ، وزیرستان، مہمند، سوات، لال مسجد اور اس سے ملحقہ مدرسے پر بمباری اور راکٹ برساتے رہے جس سے وہ اپنے خلاف عام لوگوں کے جذبات کو ہوا دیتے رہے۔ 
	مختلف مدارس اور متاثرہ علاقوں میں جتنے بے گناہ شہری اور بچے شہید ہوئے ہیں اس سے مقامی افراد کے دلوں میں امریکہ اور پرویز مشرف کے خلاف بدلہ اور انتقام کا جذبہ ابھرا ہے۔ پاکستان کے طالبان اگر کسی کے آلہ کار بن کر مملکت پاکستان کے خلاف ایسا کرتے ہیں تو وہ بھی غلطی پر ہیں کیوں کہ اپنے پاؤں یا جسم سے بم باندھ کر اپنے آپ کو اور اپنے ساتھ بے گناہ شہریوں کو ہلاک کرنا بھی دانشمندی نہیں۔ اس کو ہمارے مذہب نے حرام قرار دیا ہے اور اس پر بہت سے مفتی صاحبان نے فتوے بھی جاری کیے ہیں۔ 

یہ خودکش حملے رُکتے کیوں نہیں ؟
	اس سیدھے سادے سوال کے جواب دینے کے کئی پہلو ہیں۔ ایک تو امریکی اور اتحادی افواج سے انتقام لینا، جب کہ پاکستان میں امریکہ کے دست راست پرویز مشرف سے بدلہ لینا، لیکن اگر ہم ذرا غور کریں تو پاک افغان سرحد کے ساتھ ساتھ کرزئی حکومت کے سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ نے بھارت کو ایک درجن سے بھی زیادہ قونصلیٹ قائم کرنے کی اجازت دی تھی جس میں ڈپلومیٹ کی جگہ را، موساد، خاد اور سی آئی اے کے ایجنٹ بیٹھے ہوئے ہیں جس میں ایک فرد بھی پاکستان اور پختونوں کا خیر خواہ نہیں ، وہ پاکستان کی ابتر صورت حال سے بھر پور فائدہ اٹھا رہے ہیں اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ یہاں تک کہ ان کے ایجنٹ طالبان تحریک میں بھی داخل ہو چکے ہیں۔ سوات میں جتنے طالبان پکڑے گئے ہیں ، ان میں اکثریت غیر مسلموں اور ہندوؤں کی ہے جب کہ روس کی ’’کے جی بی‘‘ بھی دوبارہ متحرک ہو گئی ہے اور پاکستان کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے وہ بھی فائدہ اٹھانے اور پاکستان سے اپنی شکست کا بدلہ لینے کے لیے ان کے ایجنٹ واخان تک پہنچ گئے ہیں یہی ہماری غلط خارجہ پالیسی کے منفی اثرات ہیں ، جو ہمیں پاکستان کے غیر مستحکم ہونے کی صورت میں نظر آتے ہیں۔ 
	ہمارے بڑوں نے امریکی خوشنودی میں آنکھیں ایسے بند کی ہوئی ہیں کہ ان کو یہ بھی نظر نہیں آ رہا ہے کہ ہمارے دشمنوں کی نظریں ایٹم بم پر اور پختونوں کی غیرت کے اس جذبے پر لگی ہوئی ہیں جس کے بل بوتے پر وہ دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتے ہیں۔ پختونوں کی یہ ادا کسی کور اس نہیں آتی، انگریزوں سے لے کر اب تک کسی نے بھی پختونوں کو آگے جانے ہی نہیں دیا جب کہ پختونوں میں قائدانہ صلاحیتیں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہیں جس کا اعتراف انگریزوں نے بھی مختلف مواقع پر کیا ہے کہ ’’پختون ایک مارشل قوم ہے، اگر انہیں موقع ملا تو یہ دنیا کو بدل کر رکھ دیں گے۔‘‘ (سر اولف کیرو)
	پاکستان کے حالیہ انتخابات میں پختونوں کی پارٹی اے این پی نے پختونخوا میں مکمل اکثریت جب کہ قومی سطح پر بھی کافی نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ آصف علی زرداری نے اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان کو وزیر اعظم بننے کی آفر بھی کی تھی جس کو انہوں نے قبول نہیں کیا۔ میری ذاتی رائے یہ ہے کہ ان کو یہ آفر قبول کر لینی چاہئے تھی جس سے پختون طالبان کی حکومت کے خلاف انتقامی جنگ میں کمی آ جاتی بلکہ ختم ہو جاتی، کیوں کہ پختونوں کی روایات، رسم و رواج اور رویوں کو ایک پختون رہنما سے زیادہ بہتر اور کوئی نہیں جان سکتا۔ ان سے کسی نے پیار سے بات ہی نہیں کی اور نہ کسی نے ان کے زخموں پر مرہم رکھا۔ 
	جب ہم اپنے ازلی دشمن بھارت سے بات کر سکتے ہیں ، اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں کر سکتے ہیں ، تو کیوں نہ اپنے پختون بھائیوں سے ان کی روایات، پختون ولی اور جرگہ کے ذریعے بات کرے جس کے نتیجے میں پختونخوا کے حالات دنوں میں نہیں تو ہفتوں میں ضرور ٹھیک ہو جائیں گے۔ لیکن کوئی پختون لیڈر دو قدم بڑھا کر بات چیت کرنے کی شروعات تو کرے، پھر دیکھیں کیا نتیجہ نکلتا ہے۔ پختونخوا کے اندر خودکش دھماکے بھی ختم ہو جائیں گے، پھر نہ پختونخوا جلے گا اور نہ پختونوں کے گھر جلیں گے۔ 

(11 اپریل 2008ء)
٭٭٭



تیسرا حصہ
(پاکستان کے حالات افغانستان کے تناظر میں )




میاں نواز شریف کی حکومت کا خاتمہ

	میاں نواز شریف جب دوسری دفعہ 1997ء میں پاکستان کے وزیر اعظم بنے تو انھوں نے کچھ انقلابی اقدامات اٹھائے جن میں 
(1) Anti Terrorism Act (August 1997)
(2) 28th May 1998 Pakistan's Nuclear Test
تیسرا قدم انڈیا کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کو پاکستان آنے کی دعوت دینا اور پھر 1999ء میں انڈیا کے وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہJoint Tommunique پر دستخط کرنا جو بعد میں لاہور ڈیکلریشن کے نام سے مشہور ہوا۔ اسی دوران میاں نواز شریف کے آرمی چیف جنرل جہانگیر کرامت سے اختلافات پیدا ہو گئے جس کی وجہ سے جنرل جہانگیر کرامت نے استعفیٰ دے دیا اور وزیر اعظم پاکستان نے جنرل پرویز مشرف کو آرمی چیف مقرر کیا۔ جنرل جہانگیر کرامت نے نیشنل سکیورٹی کونسل بنانے کی تجویز پیش کی تھی جو اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کو پسند نہ آئی، اس لیے انھیں استعفیٰ دینے پر مجبور کر کے جنرل پرویز مشرف کو آرمی چیف مقرر کیا گیا۔ ہندوستان کے وزیر اعظم واجپائی کے دورۂ  پاکستان کے کچھ عرصہ بعد ہی جنرل مشرف نے کارگل کی جنگ شروع کی اور وزیر اعظم نواز شریف کو بے خبر رکھا گیا۔ ایسا لگ رہا تھا جیسے مشرف نے مسئلہ کشمیر پر ہونے والے (بریک تھرو) پیش رفت کو سبوتاژ کرنے کے لیے ایسا کیا ہو۔ اس سے وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان اختلافات بڑھتے گئے اور بعد ازاں یہ بات بھی واضح ہو گئی کہ مشرف کی حریص نظریں اقتدار کی کرسی پر لگی ہوئی تھیں۔ جس کا نتیجہ 12 اکتوبر 1999ء کو جنرل پرویز مشرف کی غیر موجودگی میں ان کو آرمی چیف کے عہدہ سے برخواست کرنے اور پھر فوجی بغاوت کی صورت میں برآمد ہوا۔ فوج نے نواز شریف کو گرفتار کر کے اقتدار اپنے ہاتھوں میں لے لیا۔ اس کے بعد نواز شریف اور ان کے خاندان کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔ لیکن یہ پاکستان اور اس کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ جب بھی کوئی کام کرنے والا لیڈر پاکستان کو مل جاتا ہے یا تو اسے پرانے ایمبولنس میں مروانے کی کوشش کی جاتی ہے (قائد اعظم) یا اسے گولی کا نشانہ بنایا جاتا ہے (لیاقت علی خان)، یا اسے پھانسی پر لٹکا دیا جاتا ہے (ذوالفقار علی بھٹو)، یا اسے جلاوطن کیا جاتا ہے (نواز شریف) اور یا پھر اسے خودکش دھماکوں میں شہید کیا جاتا ہے (محترمہ بے نظیر بھٹو)۔ پاکستان اور اس کے بدقسمت عوام کے ساتھ یہ سب کچھ کیوں کیا جاتا ہے، اس سے لیڈر کیوں چھینے جاتے ہیں اور جو سفر وہ ترقی کی جانب شروع کرتے ہیں ، وہ ادھورا کیوں رہ جاتا ہے؟ کیا یہ پاکستان کے مقدر میں لکھا گیا ہے یا عوام کے ساتھ اندرونی اور بیرونی کھلاڑی مکروہ کھیل کھیلتے ہیں اور مسلسل سازشیں کر کے اہل وطن کو آگے جانے کی بجائے پیچھے کی طرف دھکیلا جاتا ہے۔ ایسا کب تک ہوتا رہے گا اور کیوں ؟
	کیوں کا جواب یہی ہے کہ جو طاقتیں ہمارے ساتھ یہ گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں ، چاہے وہ امریکا ہو یا یہودی لابی لیکن وہ ہماری جیبوں میں پیسے بھی ڈالتے ہیں ، ہمیں تھپڑ بھی مارتے ہیں اور ساتھ یہ بھی کہتے ہیں کہ تم نے رونا نہیں ہے اور نہ یہ واضح کرنا ہے کہ تھپڑ کس نے لگایا۔ میرا اشارہ آج کل کے خودکش حملوں اور بم دھماکوں کی طرف ہے۔ اور بلوچستان میں جو حالات جا رہے ہیں ، اس کا سب کو علم ہے کہ یہ کون کر رہا ہے، کیوں کر رہا ہے اور کس کے اشارے پر کر رہا ہے۔ ہمارے حکمران ڈر کے مارے یا خفیہ معاہدوں کی وجہ سے یہ بتانے سے قاصر رہتے ہیں کہ یہ سب کچھ کون کر رہا ہے۔ افغانستان کے طالبان کے امیر ملا محمد عمر نے کھلم کھلا کہا ہے کہ جو لوگ مساجد، مدرسوں ، امام بارگاہوں ، جنازگاہوں،  درگاہوں یا عوامی جگہوں پر بم اور خودکش حملے کر رہے ہیں ، ان کا افغانستان کے طالبان سے کوئی تعلق نہیں۔
	جناب ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی کیوں دی گئی یا ان کا عدالتی قتل کیوں ہوا؟ اس لیے کہ کہانی شروع ہوتی ہے اس وقت سے جب وہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کیا کرتے تھے۔ سکیورٹی کونسل میں بھٹو کی تقاریر بہت مشہور تھیں اور اس وقت کوئی بھی سفارت کار ان کے پائے کا نہیں تھا۔ جب وہ کشمیر پر تقریر شروع کرتے تو ہندوستان کے سورنگ سنگھ کے ماتھے پر پسینا بہنا شروع ہو جاتا جب کہ ہنری کسنجر بھی اپنی کرسی سے چپک کر لاجواب ہو جاتا۔ جس طرح روس کے وزیرا عظم کوسی جن (Alexei Kosygin) نے پشاور سے ساٹھ کی دھائی میں سرخ دائرہ کھینچا تھا کہ یہاں سے بڈہ بیر کے ہوائی اڈہ سے روسیوں کی جاسوسی کے لیے امریکی جاسوس طیارے اڑتے ہیں۔ اس وقت ایوب خان نے پاکستان کو امریکا کی خوش نودی کے لیے سینٹو اور سیٹو میں شامل کیا تھا۔ اس وقت کے روسی وزیر اعظم کوسی جن کی طرح امریکیوں اور یہودیوں نے بھی بھٹو شہید کے نام کے اوپر سرخ لکیر کھینچ لی تھی کہ بھٹو آگے چل کر ان کے لیے اور ان کی پالیسیوں کے لیے خطرہ ثابت ہو گا اور ہوا بھی اسی طرح کیوں کہ بعد میں بھٹو نے چین اور روس سے دوستی بڑھائی اور پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے لیے کامرہ اور ٹیکسلا میں آرڈیننس فیکٹریاں اور کراچی میں سٹیل مل بنایا۔ 
	اصل میں بھٹو شہید کا سب سے بڑا گناہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے اور عالم اسلام کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا تھا۔ جس کا عملی مظاہرہ انھوں نے فروری 1974ء میں لاہور میں اسلامی کانفرنس منعقد کر کے کیا۔ اس کے بعد تو امریکیوں اور یہودیوں نے اس کا جینا دوبھر کر دیا۔ یہاں تک کہ ہنری کسنجر نے خود پاکستان آ کر بھٹو شہید کو امریکا اور یہودی لابی کی دھمکی پہنچائی کہ ’’اگر آپ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے اور عالم اسلام کے لیڈروں کو اکٹھا کرنے کے عزم سے باز نہ آئے تو ہم آپ کو دنیا کے لیے عبرت کا مثال بنائیں گے۔‘‘
	بھٹو شہید کا گناہ شرع ہوا تھا سکیورٹی کونسل میں کشمیر کی آزادی کے حق میں گرما گرم تقاریر کرنے سے اور ختم ہوا کوٹ لکھپت جیل میں پھانسی کی سولی پر چڑھنے سے۔ بھٹو شہید کو قتل کرانے میں کس کس کا کیا رول رہا تھا، اب جو بھٹو کے کیس کو ری اوپن کرنے کے لیے جو درخواست عدالت میں دائر کی گئی ہے، کیا اس سے سب اصل کرداروں سے پردہ اٹھ سکے گا جو بھٹو کو تختۂ  دار تک لے جانے میں کسی نہ کسی طرح ملوث رہے ہیں ؟ اس میں اسٹیبلشمنٹ سے لے کر اسلامی پارٹیاں ، ضیاء الحق، پاکستان کی اس وقت کی عدالتیں ، امریکا، یہودی لابی اور دوسرے بین الاقوامی کردار ملوث تھے۔ تحریک نفاذِ شریعت چلانے والی ساری پارٹیاں تو بھٹو کے بعد شریعت کا نفاذ کرانا ہی بھول گئی تھیں۔ اصل میں ان کا کردار بھٹو کی پھانسی تک ہی محدود تھا۔ اس طرح بے نظیر بھٹو شہید کے قتل سے بھی کبھی پردہ نہیں اٹھ سکے گا کہ یہ قتل کس نے کیا؟ اس کے ظاہری قاتل سامنے تو کبھی نہ کبھی آ جائیں گے لیکن اصل قاتل کبھی نہیں پکڑے جا سکیں گے اور نہ ہی انھیں ظاہر کیا جا سکے گا۔ کیوں کہ اس طرح کے گھناؤنے کھیل بین الاقوامی طور پر کھیلے جاتے ہیں اور ان کے لیے منصوبہ بندی بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق کی جاتی ہے۔ جن سے کبھی پردہ نہیں اٹھتا۔ اس طرح کے سیاسی قتل امریکا کے قومی مفاد کے نام پر بھی کئے جاتے ہیں جس میں نہ کوئی گناہ گار یا قصوروار مانا جاتا ہے اور نہ ہی بعد میں کوئی اخلاقی طور پر پشیمانی قبول کرتا ہے جب کہ جو کچھ ہوتا ہے اس کی اس طرح سے منصوبہ بندی کی جاتی ہے کہ بعد میں اس کی فائل بند کی جاتی ہے یا گم تاکہ نہ رہے بانس اور نہ بجے بانسری۔ یہی ہے ہم پاکستانیوں کا المیہ کہ ہم سے اصل لیڈر چھینے جاتے ہیں تاکہ عالمی قوتوں کے ناپاک منصوبوں کے خلاف کوئی آواز بلند کرنے والا نہ رہے۔
	بھٹو شہید نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی ابتداء کی جب کہ نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے اس پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ اس طرح بے نظیر بھٹو شہید نے میزائل پروگرام کو ترقی دے کر ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔ لیکن جن حالات میں ہم آج کل پھنسے ہوئے ہیں ، ان سے نکلنا بھی بہت مشکل ہے۔ کیوں کہ یہ بھی وہی بین الاقوامی سازش کی کڑی ہے جو بھٹو شہید کے خلاف شروع ہوئی تھی اور جو ابھی تک جاری ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان کبھی سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم نہ ہو جائے اس لیے دشمن جو دیکھا بھالا بھی ہے اور اَن دیکھا بھی، اس نے تہیہ کیا ہوا ہے کہ پاکستان کو اندرونی، بیرونی اور جہاں سے بھی ممکن ہو معاشی، سیاسی، اخلاقی، مذہبی اور ثقافتی لحاظ سے ایسا کمزور کیا جائے کہ پھر تا دیر اپنے پاؤں پر کھڑا نہ ہو سکے۔ ان عالمی قوتوں کی یہ بھی کوشش ہے کہ پاکستان کو ایسا کوئی لیڈر بھی میسر نہ آ سکے جو  نڈر، بے باک اور بصیرت سے پُر ہو اور جو پاکستان کو اس دلدل سے نکال سکے۔ 
	اس دلدل میں ہم کبھی اسلام اور جہاد کے نام پر سوویت یونین سے افغانستان میں امریکا کے مفاد کے لیے لڑتے ہیں ، کبھی اُجرتی قاتلوں کی طرح ضیاء الحق کے اقتداء میں اسلام کی سربلندی کے لیے روسی فوجیوں سے افغانستان کے پہاڑوں میں سر بہ کف رہتے ہیں۔ پھر 9/11 ظہور پذیر ہوتا ہے اور ہمیں ایک بار پھر ایک فوجی آمر کی سرکردگی میں ان ہی جہادیوں سے روشن خیالی اور اعتدال پسندی کے نام پر پاکستان کی گلی کوچوں میں لڑایا جاتا ہے اور مشرف کے دور میں شروع ہونے والی یہ جنگ ابھی تک جاری ہے اور اس وقت تک جاری رہے گی جب تک امریکا افغانستان سے نہیں نکل جاتا۔ 9/11 کے حملوں کا بہانہ بنا کر امریکا اور اس کے اتحادی ممالک نے طالبان کی حکومت کو تو ختم کر دیا لیکن وہ ان کے عزم اور حوصلے اور اسلام سے ان کی دلی وابستگی کو ختم نہ کر سکے۔ اسی عزم اور حوصلے کے بل بوتے پر نہتے افغان طالبان افغانستان میں اتحادی افواج کے خلاف جنگ جیت رہے ہیں ، حالاں کہ اتحادیوں کے پاس دنیا کی جدید ترین ہتھیار اور ٹیکنالوجی ہے لیکن پھر بھی کرزئی، امریکا اور اتحادی افواج افغان جنگ ہار رہے ہیں۔ افغان طالبان کی حکومت ختم کرنے کے بعد حامد کرزئی کو 2001ء میں جرمنی میں ایک کانفرنس میں افغانستان کا عبوری صدر نامزد کر دیا گیا جو دوبارہ 2004ء میں باقاعدہ انتخابات کے ذریعے منتخب ہوا اور 2009ء میں تیسری دفعہ صدر منتخب ہوا لیکن اس بار ان کا انتخاب متنازعہ ہے۔ کیوں کہ افغان عوام کی اکثریت اسے اپنا صدر یا لیڈر مانتی ہے اور نہ ہی اب بین الاقوامی ساکھ اس کی اتنی مضبوط ہے کہ اگر امریکا اور اس کی اتحادی افواج افغانستان سے نکل گئیں تو وہ خود اس قابل ہو گا کہ اپنی حکومت افغان طالبان سے 24 گھنٹے تک بھی بچا سکے۔
	اتحادی افواج افغانستان میں اس خیال سے آئے تھے کہ وہ چند ہی ہفتوں میں افغانستان سے طالبان کا خاتمہ کریں گے اور اپنی مرضی کی حکومت قائم کر کے اپنے مفادات کے لیے کام شروع کریں گے لیکن دس سال گزرنے کے باوجود ابھی تک وہ افغانستان کے پہاڑوں اور صحراؤں میں دھکے کھا رہے ہیں۔ جیت تو دور کی بات ہے امریکا کے بعض اتحادی ممالک اپنی افواج کی سکیورٹی کے لیے طالبان کمانڈروں کو باقاعدہ پیسے دیتے ہیں کہ ہماری افواج کو کچھ نہ کہو ورنہ ہمارے فوجیوں کی لاشوں کے بکس جب ہمارے ملک پہنچ جاتے ہیں تو حکومت پر عوام کی طرف سے پریشر بڑھ جاتا ہے۔ افغانستان میں لڑنے والے امریکا اور یورپ کے زیادہ تر فوجی نفسیاتی عوارض میں بھی مبتلا ہو چکے ہیں اور جب وہ افغانستان سے واپس اپنے ممالک پہنچ جاتے ہیں تو ان کی ذہنی حالت نہایت خراب ہوتی ہے اور بعض اوقات وہ نہ صرف خود کشی کرتے ہیں بلکہ اپنے ساتھ دوسرے لوگوں کو بھی گولی مارنے سے دریغ نہیں کرتے۔
	امریکا نے اپنے فوجیوں کو افغانستان اس لیے بھیجا ہے کہ وہ امریکا اور مغربی ممالک کو دہشت گردی سے بچائیں اور ان کے عوام دہشت گردوں سے محفوظ رہیں لیکن جب یہ فوجی اپنے ممالک واپس چلے جاتے ہیں تو وہ اپنے ممالک اور عوام کے لیے القاعدہ اور طالبان سے زیادہ مہلک اور بڑا خطرہ بن جاتے ہیں۔ کیوں کہ اپنی ڈیوٹی کے دوران یہی فوجی اپنی جان بچانے کی فکر میں لگے رہتے ہیں اور یا ان سوچوں اور خیالوں میں گرفتار رہتے ہیں کہ ہم افغانستان آئے کیوں ہیں ؟ یہاں ہمارے آنے کا مقصد کیا ہے اور جو کچھ ہم یہاں کر رہے ہیں کیا یہ ہم اپنے ملک کے مجموعی مفاد کے لیے کر رہے ہیں ؟ یا انسانیت کے ناطے بے گناہ مرنے والوں کی ذمہ داری ہم پر عائد ہو گی؟۔ احساسِ گناہ میں گرفتار فوجی جب یہ سوچتے ہیں کہ ہم آخر بے گناہ بچوں ، عورتوں اور بے بس بوڑھوں کو مارتے ہیں تو کیا یہ انسانیت کے خلاف جرم نہیں ، یہی احساس ان کے ضمیر پر بوجھ بن جاتا ہے اور بالآخر وہ نفسیاتی مریض بن جاتے ہیں۔
	9/11 کے واقعہ کے بعد جب امریکا اور اتحادی اقوام متحدہ کے ذریعے افغانستان پر چڑھ دوڑنے کی قرار داد پاس کر رہے تھے تو اس وقت بھی روس کے اس جرنیل بورس گورمووف نے جو افغانستان سے روسی افواج کے انخلاء کے وقت کمانڈ کر رہا تھا، نے امریکی اور اس کے اتحادی افواج کو خبردار کیا تھا کہ ہم بھی دنوں اور ہفتوں کے خیال سے افغانستان میں داخل ہوئے تھے، جیت تو دور کی بات ہے، ہم نہ صرف شکست کھا گئے بلکہ اپنی سپر طاقت کا ٹائٹل گنوا کر پھر ریشیئن فیڈریشن کے مقام پر واپس آ گئے۔ لیکن امریکا نہیں مانا، اسے تو بہانہ چاہئے تھا، طالبان کی حکومت کے خاتمے کا۔ ورنہ یہ تو آج تک واضح اور ثابت نہ ہو سکا ہے کہ 9/11 کا واقعہ کیسے رونما ہوا اور اس میں اصل ہاتھ کس کا تھا۔
	بہ ظاہر تواس میں عرب شیوخ کے بیٹے ہی ملوث تھے لیکن بش انتظامیہ کا سارا نزلہ افغانستان اور پاکستان پر آ کر ٹوٹا۔ حالاں کہ اس واقعہ میں نہ تو کوئی افغانی ملوث تھا اور نہ ہی پاکستانی۔ امریکا کا اصل مقصد محض یہ تھا کہ وہ افغانستان میں طالبان کی اسلامی امارات کا خاتمہ کرنا چاہتا تھا اور علاقے میں افغانستان کو اپنی افواج کا بیس کیمپ بنا کر اس کے ذریعے نہ صرف چین پر نظر رکھنا چاہتا ہے بلکہ عالم اسلامی کی پہلی اور واحد ایٹمی طاقت پاکستان کو کم ز ور کرنا چاہتا ہے۔ کیوں کہ امریکا اور یہودیوں کو یہ حقیقت اچھی طرح معلوم ہے کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ہر طرح کے قدرتی وسائل سے مالا مال کر رکھا ہے اور وہ جانتے ہیں کہ اگر یہ قدرتی وسائل پاکستان استعمال میں لائے تو یہ دنیا کا امیر ترین ملک بن سکتا ہے اور اس کے ذریعے پورے عالم اسلام کو فائدہ پہنچ سکتا ہے اور یہ حقیقت بھی ہے کہ ہمارے پوشیدہ خزانے اگرچہ ہماری نظروں سے اوجھل ہیں لیکن عالمی قوتوں کو ان کی اہمیت کا اندازہ ہے اور اگر پاکستان کو اہل اور حقیقی لیڈر مل جائے تو یہ وسائل پاکستان اور اس کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے کافی سے بھی زیادہ ہیں۔
	افغانستان میں اس وقت امریکا، برطانیہ، جرمنی، فرانس اور بھارت کے سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں زیادہ تر اینٹلی جنس ایجنسیوں کے جاسوس اور ہر کارے اکٹھے ہوئے ہیں۔ دوسری طرف بھارت کا اسرائیل کے ساتھ دوستی کا معاہدہ بھی ہوا ہے جس کے ہرکارے یعنی موساد کے جاسوس بھارت میں اپنے سفارت خانے میں انڈیا سے مل کر پاکستان کے خلاف سازشیں کرتے رہتے ہیں۔ ان کے ساتھ امریکا اور مغربی ممالک کی ایجنسیاں یعنی سی آئی اے، را، ایم آئی 6، ایم آئی 5 وغیرہ مل کر پاکستان کو اندرونی طور پر عدم استحکام سے دوچار کرنے میں لگی ہوئی ہیں۔ ان ساری سازشوں کو ہم دہشت گردی، مذہبی منافرت، فرقہ وارانہ فسادات، دھماکوں اور بعض علاقوں میں دہشت گردوں اور مقامی آبادی میں خانہ جنگی کی شکل میں کھلی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔
	جس ملک کے عوام صرف ایک بے ہنگم ہجوم میں بدل جائیں اور ان کی سیاسی قیادت بصیرت اور وژن سے خالی ہو جائے تو پھر ان کی خارجہ پالیسی، معاشی پالیسی اور پانچ سالہ منصوبے کہیں اور بنتے اور بگڑتے ہیں۔ جس سے سیاست دانوں کو کوئی تکلیف ہوتی ہے اور نہ ہی انھیں ملک و قوم کے مستقبل کی پرواہ ہوتی ہے۔ انھیں تو صرف پانچ سال کے لیے صدارت اور پانچ سال کے لیے وزارتِ عظمیٰ عزیز ہوتی ہے۔ انھیں اپنے عوام کے مسائل اور مشکلات کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی اور اگر ان کی حکومت فوجیوں کے دست برد سے بچ جائیں تو ہ پانچ سال تک لوٹ مار اور اقتدار کے مزوں میں ڈوبے رہتے ہیں۔ ایسی خصلت کے سیاست دان ہمیں سیاسی و معاشی غلامی اور بیرونی مداخلت سے چھٹکارا کیا دلائیں گے کیوں کہ وہ تو خود ریمنڈ ڈیوس کی طرح کئی کئی ایجنسیوں کے ایجنٹ ہوتے ہیں۔ انھیں ملک و عوام کی کوئی فکر نہیں ہوتی، چاہے عوام ڈرون حملوں ، بم دھماکوں ، خود کش حملوں یا ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں مرے، انھیں اگر فکر ہوتی ہے تو اپنے آقا کے ایجنٹ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کی۔ اور پھر اسے عدل و انصاف کے تقاضے پورے کئے بغیر آوٹ آف دی وے امریکہ کے حوالے کیا جاتا ہے اور ہو سکتا ہے کہ امریکی ہونے کے ناطے اسے جانے سے قبل تمغۂ  خدمت سے بھی نوازا گیا ہو کہ ڈیوس نے غربت کے خاتمہ میں حکومت پاکستان کی مدد کرتے ہوئے چار غریبوں سے ملک کو نجات دلا دی ہے۔

ڈرون حملے:
	افغانستان میں نیٹو افواج طالبان پر حملوں کا بہانہ بنا کر عام شہریوں کو ہلاک کر رہی ہیں اور بارڈر کے اس پار طالبان یا ان کے ہمدردوں یا ٹریننگ حاصل کرنے والوں پر ڈرون سے حملے کر رہی ہیں۔ اس میں بھی افغانستان کی طرح عام بے گناہ شہری مر رہے ہیں۔ ایک تو افغانستان میں اتحادی افواج جنگ ہار رہی ہیں اور دوسری طرف دونوں ممالک کے اقتدار اعلیٰ (Sovereignty) کا مذاق بھی اڑا رہی ہیں اور دونوں ممالک کی حکومتیں کچھ بھی نہیں کر سکتیں۔ طالبان سے ناراض اور کرزئی حکومت کی تائید کرنے والے لوگ بھی اب اتحادی افواج خاص کر امریکا اور ان کے اڈوں کو اچھی نظر سے نہیں دیکھتے بلکہ امریکی موجودگی کے خلاف جلد یا بدیر عام جہاد کا اعلان کرنے والے ہیں۔ جس سے اتحادی افواج کا کام اور بھی مشکل ہو جائے گا۔ کیوں کہ اتحادی افواج اور امریکا ڈیورنڈ لائن کی اس طرف اور اُس طرف کسی کا بھی دل نہ جیت سکے۔ ان کا کام اگلے سالوں کی بجائے مہینوں میں اختتام پذیر یعنی ان کی واپسی یقینی ہو جائے گی۔ جاتے جاتے اتحادی افواج افغانستان اور پاکستان دونوں جگہ تباہی اور بربادی پھیلائیں گے۔ لیکن جو معاشی دھچکا انھیں اس جنگ کے اخراجات کی شکل میں لگا ہے اور اس کے نتائج کے طور پر جو عالمی کساد بازاری یا معاشی ابتری نے جنم لیا ہے اس نے ساری دنیا کے معاشی نظام میں ایک ہلچل مچا رکھی ہے۔ ایک طرف عالمی معیشت میں ایک نقص یاGlitch سا محسوس ہو رہا ہے جس نے سارے عالم کو ایک انجانے خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔ ساری دنیا میں مہنگائی بھی روز بروز بڑھ رہی ہے جب کہ عالم گیریت یا گلوبلائزیشن کے معیارات پورے کرنے کے لیے لوگوں اور اقوام کی دوڑیں لگی ہوئی ہیں۔ عالم گیریت ایک ایسا بدمست ہاتھی ہے جو کسی کے قابو میں نہیں آ رہا ہے۔ دوسری طرف دنیا کی تیسری سپر پاؤر امریکا آہستہ آہستہ افغانستان میں اپنے برے انجام کی طرف رواں دواں ہے۔ پہلی سپر پاؤر برطانیہ، دوسری سوویت یونین اور اب تیسرا شکار امریکا افغانستان کی مٹی میں ملیامیٹ ہونے جا رہا ہے۔ تینوں اقوام افغان قوم کی خودی اور ان کی حریت ختم کرنے میں اپنی طاقتیں کھو بیٹھیں حالاں کہ امریکا اگر افغان قوم کی خودی یا ان کی حریت کا جذبہ ختم کرنے کی بجائے اپنی پالیسیوں کو بدل دے تو عالمی امن کی طرف سفر بہت آسان ہو جائے گا ورنہ انصاف کی نظروں سے دیکھنے والے تو امریکا کو ہی دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ملک گردانتے ہیں۔ عالمی دہشت گردی کے ذریعے عالمی بے انصافی اور گولہ بارود کے ڈھیر لگانے سے عالمی امن قائم نہیں ہو سکتا۔ عالمی اجارہ دار جب اپنی پالیسیاں مسلم اُمہ کے حق میں تبدیل نہیں کریں گے، اس وقت دنیا امن کا گہوارہ نہیں بن سکتی۔ یہی سوال میں نے لندن میں امریکی سفیر سے ایک تقریب میں کیا جس میں سعودی عرب کے سفیر پرنس محمد نواف بن عبدالعزیز بھی موجود تھے کہ آپ لوگ انٹرنیشنل سکیورٹی اور عالمی امن کا رونا روتے رہتے ہیں تو کیا یہ ممکن نہیں کہ آپ اپنی پالیسیاں ہی مسلمانوں کے حق میں تبدیل کریں کیوں کہ جو کچھ بھی آپ لوگوں کے ساتھ ہوتا ہے، یہ سب آپ کی حکومتوں کی غلط اور منفی پالیسیوں کے ردِ عمل میں ہوتا ہے۔ اس سوال کا ان کے پاس کوئی خاطر خواہ جواب نہیں تھا، اس نے یہی کہا: It is against our national interest. یعنی یہ ہمارے قومی مفاد کے خلاف ہے۔ اب آہستہ آہستہ امریکی رعب و دبدبہ اور ساکھ عالمی طور پر گر رہی ہے۔
	امریکا کے مختلف رینک کے جنرل جو ہر ہفتہ دو ہفتہ کے بعد پاکستان کا چکر لگاتے رہتے ہیں ، صرف اس لیے کہ پاکستان امریکا کی ہاری ہوئی جنگ ان کے لیے جتوا دے یا اسے پاکستان منتقل کر کے اس سے امریکیوں اور اتحادیوں کی جان چھڑوا لے۔ افغانستان میں امریکی آمد سے لے کر آج تک جتنا مالی، جانی، معاشی، معاشرتی، مذہبی، سیاسی، اداراتی، ماحولیاتی، تعلیمی، ثقافتی اور اخلاقی اقدار کا نقصان پاکستان کا ہوا ہے، اس کا عشر عشیر بھی امریکا، اتحادی افواج اور افغانستان کا نہیں ہوا ہے۔ اس وقت امریکا افغانستان سے نکلنے کے چکر میں ہے۔ صدر اوبامہ اور فوجی جرنیلوں کے درمیان نکلنے کے ٹائم ٹیبل پر اختلافات موجود ہیں۔ اوبامہ چاہتے ہیں کہ امریکی فوج 2012ء کے الیکشن سے پہلے پہلے مکمل واپس نہ بھی ہوں تو کم از کم امریکی فوجیوں کا انخلاء شرو ع ہو چکا ہو، تاکہ وہ انتخابی مہم میں افغانستان سے فوج کی واپسی کا نعرہ لگا سکیں کہ اس نے اپنے وعدے کے مطابق افغانستان کی دلدل سے اپنی فوج نکال لی ہے۔ امریکی صدور میں اوبامہ سے کم زور اور ناکام صدر کوئی اور نہیں گزرا ہو گا۔ انھوں نے افغانستان کی جنگ بھی ہاری ہے اور آئندہ الیکشن بھی ہارے گا کیوں کہ ان ہی کے دور میں امریکی معاشی، فوجی، سیاسی اور بین الاقوامی اُمور کا اونٹ کسی کروٹ بیٹھتا ہوا نظر نہیں آتا۔
	اوبامہ انتظامیہ اور امریکی جرنیل مختلف آپشن پر سوچ رہے ہیں۔ وہ یہ کہ یا تو افغانستان اور پاکستان دونوں کو آپس میں لڑا دیا جائے، یا پاکستان کے فوجی اپنے عوام کے خلاف آپریشن ہی نہیں بلکہ وزیرستان کے قبائلی علاقوں میں ایک مکمل جنگ شروع کر دیں۔ جس کے لیے وہ یہ شوشہ چھوڑ رہے ہیں کہ القاعدہ نے دوبارہ وزیرستان میں اڈے بنا لیے ہیں جب کہ طالبان شوریٰ نے کوئٹہ میں۔ اگر ان کے خلاف پاکستان نے خود کچھ نہیں کیا تو پھر اتحادی افواج مجبوراً انتہائی قدم اٹھائیں گی۔ میرے خیال میں یہ صرف دباؤ بڑھانے کا حربہ ہے کہ پاکستان افغان طالبان سے آخری حربے کے طور پر بات چیت شروع کرے، چاہے اس کے لیے کسی اور اسلامی ملک یعنی ترکی کا پلیٹ فارم کیوں نہ استعمال کیا جائے۔ ویسے بھی یہ افواہیں گردش میں ہیں کہ اگر ترکی کے صدر عبداللہ گل راضی ہو جائیں تو استنبول میں طالبان کے چوٹی کے لیڈروں کو سیکرٹریٹ دے دیا جائے گا جہاں ان کے ساتھ بات چیت کرنے میں آسانی بھی ہو گی اور براہِ راست رابطہ کے لیے وہ موجود بھی ہوں گے۔ لیکن یہ اس وقت ممکن ہو گا جب اقوام متحدہ طالبان کے چوٹی کے لیڈروں کے ناموں کو عالمی دہشت گردوں کی لسٹ سے نکال دیں۔ یہ بات بھی سننے میں آ رہی ہے کہ اگر ترکی میں افغانوں کا سیکرٹریٹ قائم نہیں کیا گیا تو اس کے لیے متبادل ملک قطر ہے جہاں طالبان کے چوٹی کے لیڈروں کو سیکرٹریٹ کی سہولت دی جائے گی تاکہ طالبان لیڈروں سے بات چیت اور مذاکرات میں آسانی رہے۔
	امریکا کو یہ بھی ادراک ہے کہ افغانستان سے نکلنے کا باعزت راستہ اسے صرف اور صرف پاکستان ہی فراہم کر سکتا ہے لیکن کس قیمت پر؟ کیوں کہ افغانستان کے اندرونی فوجی اور سیاسی حالات میں امریکا نے پاکستان کی بجائے انڈیا کو کلیدی رول دے دیا ہے۔ خاص کر وہاں اس کے جاسوسی ادارے RAW کا اثر و رسوخ بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔ پاکستان کے خلاف اور اسے عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے افغانستان کی پاک سرزمین پر موساد، سی آئی اے، ایم آئی 5، ایم آئی 6 اور دوسرے مغربی ممالک کے جاسوسی کے ادارے جمع ہو گئے ہیں اور RAW کی نگرانی اور جاسوسی معلومات کے تحت کام کر رہے ہیں۔ ان ساری جاسوس ایجنسیوں کا کام ہی بس یہی ہے کہ پاکستان کو اندرونی، بیرونی، معاشی اور سیاسی طور پر اتنا زیادہ غیر مستحکم اور کمزور کیا جائے کہ وہ کبھی بھی اپنے پاؤں پر کھڑا نہ ہو سکے۔ پاکستان کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے، یہ ایجنسیاں اس سے زیادہ کرنے کی خواہش مند ہیں۔ غیروں سے کیا گلہ ہماری پاک سرزمین کے دشمنوں کو ہم میں سے ایجنٹ مل جاتے ہیں ، اس لیے وطن عزیز میں روز کوئی نہ کوئی سانحہ رونما ہوتا رہتا ہے۔ بھارت کی اینٹلی جنس ایجنسی را افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو اندر اور باہر دونوں  اطراف سے کمزور کر رہی ہے۔ ہماری قومی خودی، عزت و ناموس، قومی مفاد اور ایمانوں کا ایسا جنازہ نکل چکا ہے کہ کوئی امن کی آشا اور کوئی این جی او کے نام پر اور ہماری اسمبلیوں کے ممبران خیرسگالی اور افہام و تفہیم کے نام پر بھارت کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں۔ ہر کوئی جانے اَن جانے میں سیل پر لگا ہوا ہے۔

سیاسی میچ فکسنگ:
	یعنی یہی کہ پاکستان میں آئندہ سیاسی پارٹی برسر اقتدار آئے گی یا فوج، دونوں صورتوں میں پاکستانی اور امریکی سب کچھ پہلے سے فیکس کر رہے ہیں جبکہ پاکستان کی نہ صرف سیاسی پارٹیوں بلکہ مذہبی پارٹیوں میں بھی ان کے بندے موجود ہیں۔ اور جب کوئی تبدیلی لائی جاتی ہے تو اس میں امریکی مفاد کو مد نظر رکھا جاتا ہے۔ اگر ہمیں پاکستان کے حالات اور واقعات کو مثبت انداز میں تبدیل کرنا ہے تو ہمیں متحد ہو کر امریکی اثر و رسوخ کے خلاف جہاد کرنا ہو گا۔ یہ جہاد آگاہی کا ہو گا، علم اور معاشی استحکام کا ہو گا، اپنے ملک کو سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں اس مقام تک پہنچانے پر مشتمل ہو گا جہاں ہم امریکی اثر و رسوخ سے نکل کر اپنی خارجہ پالیسی خود تشکیل دے سکیں۔کیوں کہ اس وقت ہماری کوئی خارجی پالیسی نہیں ہے اور اگر ہے تو وہ ہماری بنائی ہوئی نہیں ہے۔ ہماری موجودہ خارجہ اور داخلہ پالیسیاں ہماری اپنے قومی مفادات کی بجائے امریکی مفادات کے گرد گھومتی ہیں۔

پاکستان کے نا اہل حکم ران:
	پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے قدرتی وسائل سے مالامال کیا ہے۔ ہمارے نا اہل حکمرانوں نے ان قدرتی وسائل کو کام میں لانے کے لیے کوئی غیر معمولی منصوبہ نہیں بنایا۔ حالاں کہ پاکستان قدری وسائل سے مالامال ہے لیکن آزادی کے بعد کسی بھی دور میں برسرِ اقتدار طبقے نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی قابل عمل منصوبہ بنانے اور اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کوئی دل چسپی نہیں لی ہے۔ حکمرانوں کی نااہلی اور ناقص منصوبہ بندیوں کی وجہ سے عوام کی مشکلات اور مصائب میں کمی کی بجائے روز بروز اضافہ ہی ہوتا رہا ہے۔ گیس و بجلی کی لوڈ شیڈنگ، ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، بے روزگاری، مہنگائی اور اشیائے خوردو نوش کے نرخوں میں اضافہ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ ان سارے مسائل کی ذمہ داری ہمارے ماضی اور حال کے حکمرانوں کے کندھوں پر پڑتی ہے کہ انھوں نے دور اندیشانہ حکمت عملی کیوں اختیار نہیں کی۔
	حالات کی خرابی کا ادراک تو سب کرتے ہیں لیکن ان کے حل کے لیے قابل عمل تجاویز بہت کم سامنے آتی ہیں اور کہیں سے کوئی تجویز سامنے آ بھی جائے تو برسراقتدار طبقہ اسے عملی جامہ پہنانے میں کوئی دل چسپی نہیں لیتا۔ تاہم میرے خیال میں ہمیں اپنے مسائل کے حل کے لیے امریکا کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنے وسائل پر انحصار کی پالیسی مستقل مزاجی سے اپنانی چاہئے۔ اس کے بعد ہمارے مقتدر طبقوں کو اپنے غیر ترقیاتی اخراجات میں 80 فی صد تک کمی کرنی ہو گی۔ بے نتیجہ غیرملکی دوروں سے اجتناب برتنا ہو گا۔ ہمیں اپنے ماہرین پر اعتماد کرنا ہو گا اور جو لوگ جن شعبوں میں ماہر ہیں ، انھیں ان شعبوں کی سربراہی سونپنی ہو گی۔ ہمیں مقامی، صوبائی اور قومی سطح پر ایسے مشاورتی بورڈ بنانے ہوں گے جن میں ماہر اقتصادیات، ماہر سماجیات، ریٹائرڈ جج، ریٹائرڈ جرنیل، دانش ور اور حاضر سروس اعلیٰ دماغوں کے حامل محب وطن ماہرین کو شامل کیا جائے۔ ان مشاورتی بورڈوں کو مقامی، صوبائی اور قومی سطح کے مسائل جن میں معاشی، سیاسی، سماجی، سکیورٹی، خارجہ و داخلہ پالیسیوں ، تجارت، قدرتی وسائل، توانائی، ڈیمز اور تعلیم جیسے شعبوں کے حوالے سے رہنمائی حاصل کی جائے۔ اگر ہم اپنے ماہرین کی قابل عمل تجاویز کو عملی شکل دیں گے تو اس سے نہ صرف ہمارے مسائل میں کمی آئے گی بلکہ ملک کو ترقی کی راہ پر بھی گامزن کیا جا سکے گا۔ ہمارے پاس ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ڈاکٹر ثمر مبارک مند جیسے لوگ موجود ہیں لیکن ہم ان سے کماحقہ استفادہ نہیں کر سکیں۔ ڈاکٹر قدیر خان کو تو ہم نے امریکا کے ایماء پر کھڈے لائن لگا دیا ہے۔ جب کہ ہمیں ان کے علم اور تجربہ سے سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم اور انرجی کے میدان میں استفادہ کرنا چاہئے۔

میڈیا کا کردار:
	وطن عزیز کو ان سارے مسائل اور مصائب سے نکالنے میں میڈیا کا بھی ایک اہم رول ہے۔ اگر میڈیا جذبۂ  حب الوطنی اور ذمہ داری سے کام لے اور عوام کو ملک کے حقیقی مسائل سے روشناس کرانے میں اپنا کردار ادا کریں تو اس طرح برسراقتدار طبقہ پر اصلاحِ احوال کے لیے دباؤ بڑھایا جا سکتا ہے۔ ملک میں جو با صلاحیت لوگ موجود ہیں اور وہ ملک کے کسی نہ کسی شعبہ کی ترقی میں عملاً اپنا کردار ادا  کر سکتے ہیں ، انھیں اگر میڈیا کے ذریعے آگے لایا جائے اور مختلف مسائل کے حوالے سے ان کی ماہرانہ گفت گو اور مسائل کے حل کے لیے ان کی تجاویز کو پیش کیا جائے تو اس سے بھی بہتری کی امید کی جا سکتی ہے۔
	اس وقت ہمارے نیوز چینلز سیاسی پروگرام کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔ وہ ٹاک شوز کے ذریعے مختلف جماعتوں کے سیاست دانوں کو بلا کر انھیں لڑائی جھگڑے پر آمادہ کرتے ہیں۔ ان بے مقصد ٹاک شوز سے مزید سیاسی اختلافات اور نفرتیں بڑھ رہی ہیں۔ ان ٹاک شوز کا رُخ اگر ملک کے مسائل کی طرف کیا جائے اور ملک کے با صلاحیت نوجوانوں کو ان میں بلایا جائے اور مسائل کے حوالے ان کا نقطۂ  نظر جاننے کی کوشش کی جائے تو شاید مستقبل میں ہماری یہی نوجوان جب ملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالیں گے تو وہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوش حالی کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔ سیاسی ٹاک شوز نے عوام کو نفسیاتی مریض بنا دیا ہے اور انھیں ملک کے مستقبل سے متنفر کر دیا ہے۔ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ میڈیا ایسے پروگرام نشر کرے جس سے عوام میں مایوسی کی بجائے امید اور روشن مستقبل کے لیے جدوجہد کا جذبہ پیدا ہو جائے۔
	پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر جو مخصوص گروہ قابض ہو چکا ہے، وہ وطن عزیز میں مسائل بڑھانے اور عوام کو مسلسل کنفیوز اور مایوس بنانے میں لگا ہوا ہے۔ معلوماتی پروگرامز کے علاوہ ایسے پروگرام بھی پیش کئے جائیں جن میں نہ صرف مشرقی روایات کو فروغ دیا جائے بلکہ ان میں اسلام جیسے جدید مذہب کے روشن پہلو بھی اُجاگر کئے جائیں تاکہ مغرب اور امریکا میں اسلام کا جو انتہاپسندانہ تصور ایک ساز ش کے تحت متعارف کرایا گیا ہے، اس کا تاثر زائل کیا جا سکے۔
	جس طرح اسلحہ ساز اور دوا ساز کمپنیوں کو جنگ جھگڑے، فسادات، مختلف قسم کے امراض  کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ دونوں اس میں یعنی اسلحہ ساز اپنا اسلحہ اور دواساز کمپنی اپنی دوائی بیچ سکیں اور لاکھوں کروڑوں روپے کما سکیں۔ اسی طرح پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا خاص کر بعض اینکرز صاحبان کو پاکستان کے اندر ایسے سیاسی، معاشی اور مذہبی جھگڑے چاہئے ہوتے ہیں جن کے ذریعے وہ اپنے اپنے ٹی وی چینلز کے بازار کو گرم رکھ سکیں۔

اسلحہ ساز صنعتیں ، این جی اوز، بین الاقوامی کارپوریشنیں ،غریب ممالک کے قدرتی وسائل اور امریکا کا نیو ورلڈ آرڈر:
	اسلحہ ساز صنعتیں دنیا میں بدامنی چاہتی ہیں تاکہ اس کے ذریعے دنیا میں ہر وقت جنگ و جدل کے بادل چھائے رہیں اور یہ صنعتیں اپنا اسلحہ بناتی رہیں۔ اس طرح بین الاقوامی کارپوریشنز کو دنیا کے کسی بھی ملک میں مارکیٹ چاہئے ہوتی ہے کہ اپنے برانڈ والے پراڈکٹس کو وہاں بیچ سکیں۔ غیر حکومتی ادارے یعنی این جی اوز کو جن ممالک سے فنڈز ملتے ہیں ، انہیں ان کے سیاسی، ثقافتی اور معاشی مفادات کو مد نظر رکھنا پڑتا ہے۔ ان ہی این جی اوز کے ذریعے اسلامی معاشرے کو اخلاق باختگی اور ماڈرن ازم کے نام پر بے ہودگی اور بے پردگی سے گندہ کیا جاتا ہے۔ ان کے ذریعے معاشرے کو یہ مصنوعی احساس دلایا جاتا ہے کہ اس کے لوگ اس قدر با شعور اور تہذیب یافتہ ہو چکے ہیں کہ وہ اب مغرب کا مقابلہ باآسانی کر سکتے ہیں۔ 
	غریب ممالک خاص طور پر افغانستان اور پاکستان کو قدرت نے ایسے بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے کہ اگر ان ممالک میں دس سال تک مسلسل امن کی صورت حال برقرار رہی تو یہ دونوں ممالک غیر معمولی ترقی کر سکتے ہیں ا ور ان ممالک میں امن اس وقت آئے گا جب اس خطے سے بیرونی افواج نکل جائیں۔ لیکن یہ افواج تو اصل میں ان غریب ممالک کے قدرتی وسائل ہتھیانے کے لیے اس خطے میں مقیم ہیں۔ دوسری طرف امریکا اپنے نیو ورلڈ آرڈر کے ذریعے مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیاء کا نقشہ تبدیل کرنا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے اس نے سب سے پہلے لبنان پر حملہ کیا، پھر عراق، اس کے بعد افغانستان اور اب لیبیا پر آگ و آہن برسا رہا ہے۔ لیکن یہ ضروری نہیں کہ امریکا اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب ہو۔ بس ہمارے حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئے اور ان خطوں میں ایسے حالات پیدا کرنا چاہئے جس کی وجہ سے امریکا اور اس کے اتحادی ان ممالک سے اپنی افواج نکالنے میں ہی عافیت سمجھیں۔

افغانستان اور پاکستان پر عالمگیریت کے اثرات:
	گلوبلائزیشن یا عالمگیریت ایک ایسا عمل ہے جس سے علاقائی معیشت، معاشرہ، ثقافت، سیاست، سیاحت، کھیل اور مقامی رہن سہن کے طور طریقے بدل جاتے ہیں کہ دراصل وہ دیکھنے میں تو بین الاقوامی ہوتے ہیں لیکن حقیقت میں وہ ایک جگہ اکٹھے ہو کر مقامی بن جاتے ہیں۔ جو بلا واسطہ زندگی کے ہر شعبہ پر اثرانداز ہوتے ہیں اور انھیں بین الاقوامی سطح پر ایک ایسا عنصر بنا دیتے ہیں کہ وہ سارے لوگوں یا اقوام کے لیے ایک مقامی معیار بن جاتے ہیں اور پھر وہ ان کی خواہش اور ضرورت میں ڈھل جاتے ہیں۔ اس سلسلے میں کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کا کردار بہت اہم ہے۔ یہ ذرائع ان چیزوں کو لوگوں کے دسترس میں لانے کے لیے پہلے اسے خواہش اور تمنا بنا دیتے ہیں اور پھر لوگوں یا اقوام کو اس کا ایسا گرویدہ بنا دیتے ہیں کہ پھر انھیں ہر قیمت پر حاصل کرنے کی جستجو کی جاتی ہے۔
	جب ساری اقوام گلوبلائزیشن کی راہ پر چل نکلتی ہیں تو ترقی یافتہ اقوام تو آگے نکل جاتی ہیں کیونکہ تعلیمی لحاظ سے وہ اس کے لیے تیار ہوتی ہیں جب کہ ترقی پذیر اور غریب اقوام کوئی ابتداء میں ، کوئی درمیان میں اور کوئی تھوڑے سے فرق کے ساتھ ترقی کی اس منزل مقصود سے رہ جاتی ہیں جو عالم گیریت نے بپا کی ہے۔
	عالم گیریت اس صور ت میں درست ہو سکتی ہے جب کوئی ملک حقیقی ترقی کی جانب گامزن ہو۔ اس کی تعلیم کی شرح اگر سو فی صد نہ ہو تو کم از کم اَسی فی صد ضرور ہو۔ اس ملک کے بنیادی مسائل حل ہوں۔ روزگار اور مہنگائی کا کوئی مسئلہ درپیش نہ ہو۔ اس کے پاس بین الاقوامی معیار کے کالج اور یونی ورسٹیاں ہوں ، تب اگر گلوبلائزیشن کے مقابلہ میں شامل ہوا جائے تو اس کی کوئی تُک بن سکتی ہے۔ لیکن اگر افغانستان اور پاکستان کے جوانوں نے اگر ابھی سے تعلیمی جہاد شروع نہیں کیا تو پھر خدا ناخواستہ ہم جس مقام پر آج ہیں ،مستقبل میں اس سے بھی زیادہ نچلے درجے پر پہنچ جائیں گے۔
اُسامہ بن لادن، ایک عہد ایک تحریک:
	اُسامہ بن لادن ایک امیر و  کبیر خاندان میں 10 مارچ 1957ء میں سعودی عرب ریاض میں پیدا ہوئے۔ لادن خاندان سعودی عرب کے شاہی خاندان کے بعد دوسرے نمبر پر ہے اور شاہی خاندان کے ساتھ شروع ہی سے ان کے آبا و اجداد کے بہت اچھے تعلقات تھے اور ہیں۔ اسامہ بن لادن ایک تعلیم یافتہ انسان تھے۔ انھوں نے دنیا  کے مختلف تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کی۔
	اُسامہ بن لادن اس وقت عملی جہاد میں کود پڑے جب 1979ء میں سوویت یونین نے افغانستان میں ایک کمیونسٹ حکومت قائم کرنے کے لیے اس پر فوجی یلغار کی۔ جس کو اسلام پسند دنیا اور خاص کر عام مسلمانوں نے اسلام پر حملہ سے تشبیہہ دی۔ پاکستان کے ملٹری ڈکٹیٹر ضیاء الحق نے بھی اپنے مارشل لاء اور غیر قانونی حکومت کو دوام دینے کے لیے یہی نعرہ استعمال کیا کہ سوویت یونین گرم پانیوں تک پہنچنے کے لیے افغانستان کے بعد پاکستان کے بندرگاہوں پر قبضہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور افغانستان پر قبضہ مستحکم کرنے کے بعد وہ پاکستان کی طرف پیش قدمی کرے گا۔ جب کہ امریکا کو یہ خدشہ لاحق ہو گیا کہ سوویت یونین افغانستان پر قبضہ کرنے کے بعد گرم پانیوں تک رسائی حاصل کر کے عرب ممالک تک پہنچ سکتا ہے جس کے نتیجے میں وہ امریکا اور مغربی ممالک کے تیل کی سپلائی لائن بھی کاٹ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اس طرح ان علاقوں میں امریکی اثر و رسوخ ختم ہو جائے گا اور ان پر سوویت یونین کا عمل دخل قائم ہو جائے گا اور یہ اَمر امریکا اور مغرب کے لیے کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں تھا۔
	اس وقت سرد جنگ بھی دونوں عالمی طاقتوں کے درمیان عروج پر تھی اور امریکا اس انتظار میں تھا کہ سوویت یونین کب کوئی ایسی غلطی کا ارتکاب کرتا ہے جس کے تحت وہ اپنی افواج کسی دوسرے ملک پر چڑھائی اور قبضہ کے لیے بھیجتا ہے اور پھر امریکا اس کے خلاف اپنی سرزمین سے ہزاروں کلومیٹر دور کسی دوسرے ملک کو فرنٹ لائن سٹیٹ بنا کر (جس طرح اس نے پاکستان کو بنایا) اس کے خلاف محاذ گرم کرے اور اس سے ویت نام میں اپنی شکست کا بدلہ لے سکے۔ اور اس جنگ کے بدلے میں اس کی فوجی اور اقتصادی طاقت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکے۔
	سوویت یونین نے افغانستان پر حملہ کر کے یہی غلطی کی اور امریکا نے فوجی آمر ضیاء الحق کے ذریعے اسلامی جہاد کا ڈول ڈالا۔ اسی نقطہ پر ضیاء اور امریکا کے مفادات ایک ہو گئے۔ ضیاء الحق نے اسلامی جماعتوں اور آئی ایس آئی کے ذریعے مدرسوں کے طالب علموں میں جہاد کا جذبہ بیدار کیا اور اس طرح افغانستان میں امریکا کی جنگ اسلامی جہاد کے نام پر شروع کرائی گئی۔ اس کے بدلے میں امریکا نے ضیاء کی حکومت کو بھی جائز تسلیم کیا اور ان ہی کے ذریعے افغان جہاد کے لیے اپنے خزانوں کے منہ کھول دئیے۔ اس وقت امریکا کمیونزم کے مقابلہ کے لیے اسلام پسند بن کر مسلم اُمہ کا سوویت یونین کے خلاف جہادی قوتوں کا امام بن گیا۔
	ضیاء الحق نے امریکا کے اتحادی مسلم ممالک کے لیڈروں سے ملاقاتیں شروع کیں اور بعض سے بین الاقوامی کانفرنسوں میں مل کر سوویت یونین کے خلاف جہادی بھرتی کرنے کے لیے راہ ہموار کرنا شروع کیا اور کمیونسٹوں اور اسلام پسندوں کے درمیان ہونے والی اس جنگ کو جہاد کا نام دے دیا۔ امریکا اور ضیاء الحق اپنے اپنے مفادات کی جنگ جہادیوں کے ذریعے لڑتے رہے جن میں مسلم ممالک کے جہادی افغان جہادیوں اور پاکستان کی ریگولر افواج کے ساتھ سوویت یونین کی افواج کے خلاف شانہ بہ شانہ لڑتے رہے۔ اسی جذبۂ  جہاد کے تحت اسامہ بن لادن بھی اپنے عیش و آرام کی زندگی کو تج کر کمیونسٹوں کے خلاف افغان جہاد میں کود پڑے اور ایسی جرات کا مظاہرہ کیا کہ ان کے دوسرے جہادی ساتھی حیران رہ گئے کہ ایک ایسا شخص جس کی ساری زندگی شاہانہ طور طریقوں اور بے انتہا دولت سے کھیلتے ہوئے گزری، وہ کیسے یہ ساری تکالیف خندہ پیشانی سے برداشت کر رہا ہے۔ اور اپنے جہادی ساتھیوں سے پیچھے ہٹنے کی بجائے ان سے بڑھ کر جہاد میں حصہ لیتا رہا ہے۔ یہ اور بات ہے کہ امریکا اور پاکستان کی اس وقت کی حکومتیں اپنے اپنے مفادات کے لیے سوویت یونین کے خلاف لڑ رہے تھے اور جہادیوں کو صرف اور صرف اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے تھے۔ یہ تو ان کے خیالات، نظریات اور ترجیحات تھیں ورنہ اسامہ بن لادن اور اس کے ساتھی تو صرف اور صرف اسلام کی سربلندی کے نام پر لڑ رہے تھے اور یہی ان کا ایمانی جذبہ تھا جس کے ذریعے انھوں نے سوویت یونین جیسے طاقت ور ملک کی افواج کو شکست دی اور اسے 14 اپریل 1988ء میں جنیوا کے معاہدے کے تحت افغانستان سے انخلاء پر مجبور کر دیا۔ سوویت یونین کی شکست کے نتیجے میں جو منفی اور مثبت پہلو اُجاگر ہوئے وہ کچھ اس طرح ہیں :
(۱) دنیا سے سرد جنگ کا خاتمہ 
(۲) سوویت یونین کا سپرپاؤر کی حیثیت سے انہدام 
(۳) کمیونزم کی ناکامی 
(۴) پاکستان سے طویل آمرانہ حکومت کا خاتمہ 
(۵) افغانستان سے کمیونسٹ حکومت کا خاتمہ 
(۶) امریکا کا دنیا کا واحد سپرپاؤر بننا 
(۷) امریکا کا نیو ورلڈ آرڈر کو عملی جامہ پہنانا 
(۸) 1990ء میں امریکا کے ورغلانے پر عراق کا کویت پر قبضہ 
(۹) سعودی عرب کا اپنی سکیورٹی کے لیے امریکا کی افواج کو دعوت دینا۔
	جب سعودی عرب نے امریکی افواج اپنی سرزمین پر بلانے کا فیصلہ کیا تو اس کی وجہ سے اسامہ امریکا اور سعودی عرب کے خلاف ہو گیا کہ سعودی عرب نے کیوں ایک کافر ملک کی ناپاک فوج کے قدموں کو پاک سرزمین پر رکھنے کی اجازت دی۔
	سوویت یونین کو شکست دینے کے بعد امریکا نے افغانستان، جہادیوں اور پاکستان کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا کیوں کہ اس وقت امریکا کا مقصد پورا ہو چکا تھا اور سوویت یونین کا بطور سپر پاؤر خاتمہ ہو چکا تھا۔ اب امریکا اکیلا دنیا کا واحد سپر پاؤر اور جاگیردار بن چکا تھا۔تیل کے ذخائر، اس کی سپلائی اور رسائی پر اس کا کنٹرول امریکا کے خواب و خیال میں بھی نہیں تھا اور اب ایسا ہو چکا تھا اور اس کا موقع عرب ممالک نے خود اسے فراہم کر دیا تھا۔ امریکا نے افغان جہاد کے دوران ایران اور عراق کو بھی ایک دوسرے کے خلاف جنگ میں مصروف رکھا اور دونوں ممالک کو افغانستان کے معاملات سے دور رکھا۔
	امریکا کو یہ یقین بھی نہیں آ رہا تھا کہ سرد جنگ کا خاتمہ اتنی آسانی سے افغانستان کے جہادیوں کے جذبۂ  ایمانی سے ہو سکے گا اور اس جنگ کے دوران امریکا کا ایک فوجی بھی نہیں مارا جائے گا۔ امریکا کے لیے سرد جنگ کا زمانہ ایک ڈراؤنا خواب تھا۔ اسے یہ سب کچھ پاکستان، افغانستان اور اسامہ بن لادن کے جہاد کی وجہ سے پلیٹ میں مل گیا جب کہ سوویت یونین کے خلاف جہاد کے کامیاب اختتام پر اسامہ بن لادن اور ان کے جہادی ساتھیوں کا کسی نے شکریہ تک ادا نہیں کیا۔ یہی سے پاکستان کے جنرل حمید گل اور اسامہ بن لادن کے دماغ کی گھڑیوں کی سوئیاں الٹ گھومنا شروع ہوئیں کہ امریکا ہمارے ساتھ کونسا کھیل کھیل گیا؟ امریکا نے اپنے قومی مفاد کو پاکستان، افغانستان، حمید گل، اسامہ بن لادن اور جہادیوں کو استعمال کر کے پایۂ  تکمیل تک پہنچا دیا تھا یعنی کیپٹلسٹ دنیا کو کمیونزم کے خطرے سے نجات دلا دی تھی۔
	اسامہ بن لادن امریکی رویہ سے دل برداشتہ ہو گئے اور 11 اگست 1988ء میں انھوں نے القاعدہ تنظیم یا تحریک کا باقاعدہ اعلان کیا۔ القاعدہ یمن میں اس گاؤں کا نام ہے جس میں اُسامہ بن لادن کے بزرگوں کی ولادت ہوئی تھی اور اُسامہ بن لادن کو اس نام سے ایک جذباتی وابستگی تھی، اس لیے انھوں نے اپنی تنظیم کا نام اسی مناسبت سے القاعدہ رکھا تھا جس میں دنیا کے مختلف ممالک کے جہادی جوق در جوق شامل ہوئے اور اپنے اپنے ممالک میں رہتے ہوئے القاعدہ کے لیے کام کرنے کی قسمیں کھائیں اور سنی مسلمانوں کے علاوہ دوسرے مسلمان فرقوں کو اسلام سے خارج تصور کر بیٹھے۔ پھر آہستہ آہستہ جب القاعدہ کی تحریک نے زور پکڑ لیا تو اس کے بعد انھوں نے القاعدہ اور جہادی تنظیموں کے علاوہ سارے مسلمانوں کو شک کی نظروں سے دیکھنا شروع کیا۔ اسامہ بن لادن اور القاعدہ کے زیر نگرانی جہادی مختلف اوقات میں یمن اور سوڈان میں بھی رہے اور وہاں کچھ فلاحی کام بھی کرتے رہے لیکن وہ مسلسل ایک ایسے ملک کی تلاش میں تھے جہاں کے حکمران ان کے زیر نگین ہوں او رالقاعدہ وہاں سے اپنے ایجنڈے پر آزادی سے کام کر سکے۔ اسی اثناء میں افغانستان کے سیاسی حالات دن بہ دن تبدیل ہوتے رہے۔ 1992ء میں صبغت اللہ مجددی دو مہینے کے لیے افغانستان کی نگران حکومت کے صدر مقرر کئے گئے۔ اسی معاہدۂ  پاکستان کی رو سے صبغت اللہ مجددی کے بعد برہان الدین ربانی دو سال کیلئے افغانستان کے صدر بنے۔ صدر برہان الدین ربانی کے دورِ حکومت میں افغانستان کے حالات بد سے بدتر ہوتے چلے گئے۔ اس معاہدہ کے تحت ربانی کو دو سال کے بعد انتخابات منعقد کرا کر اقتدار منتخب افغان حکومت کے حوالے کرنا تھا لیکن وہ ایسا نہ کر سکے یا وہ ایسا کرنا نہیں چاہتے تھے جس کی وجہ سے حالات مزید خراب ہوتے گئے اور افغان عوام ایک بار پھر امن کے لیے ترسنے لگے۔
	ان ہی ناگفتہ بہ حالات میں پاکستان سے ٹرکوں اور ٹرالیوں کا ایک بڑا قافلہ خورد و نوش کا سامان لے کر ازبکستان کے لیے روانہ ہوا تو اسے افغانستان سے گزرتے ہوئے چند وارلارڈز نے تاوان کے لیے روکا کہ حکومت پاکستان سے تاوان لے کر اسے چھوڑ دیا جائے گا۔ اس وقت بے نظیر بھٹو شہید کی دوسری حکومت کا دور تھا۔ اس وقت کے وزیر داخلہ نصیر اللہ بابر مرحوم نے اپنے پرانے تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے کرنل امیر سلطان تارڑ جو کرنل امام کے نام سے مشہو ر تھے (جن کو کچھ عرصہ قبل پاکستانی طالبان نے شہید کیا ہے) انھوں نے بہت سے افغان مجاہدین کو ٹریننگ دی تھی، جن میں ملا عمر بھی شامل تھے۔ انھیں ملا عمر کے پاس بھیجا۔ ملا عمر جو اس وقت صرف طالبان کے ایک گروپ کے کمانڈر تھے اور قندہار میں اپنے علاقے کو چوروں اور ڈاکوؤں سے محفوظ رکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ملا عمر کے تمام ساتھی پختون تھے۔ انھوں نے نصیر اللہ بابر کے کرنل امام کے ذریعے بھیجے گئے پیغام کے ’’پختون ولی‘‘ کے ناتے لاج رکھتے ہوئے پاکستان کے ٹرکوں اور ٹرالیوں کے قافلے کو وارلارڈز سے چھڑا لیا اور اسے ازبکستان کے بارڈر تک بہ حفاظت پہنچانے کا انتظام بھی کیا اور واپسی پر بھی قافلہ کو حفاظت کے ساتھ پاکستانی بارڈر تک پہنچایا۔ اس واقعہ سے طالبان کے وجود کا مقامی اور بین الاقوامی طور پر باقاعدہ تعارف ہوا۔ اس کے بعد انھیں اپنی طاقت اور اثر ورسوخ کا بھی کچھ اندازہ ہوا۔ پھر پاکستان کے آئی ایس آئی نے بھی ان کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے پشتیبان بن گئے۔ آہستہ آہستہ پرانے مجاہدین ان کے ساتھ ملتے گئے، طالبان کے لشکر بنتے گئے، آج ایک علاقہ تو کل دوسرا علاقہ ان کے کنٹرول میں آتا رہا، یہاں تک کہ شمال کے علاوہ قریباً سارے افغانستان پر ان کا قبضہ کسی خاص مزاحمت کے بغیر ہوتا گیا۔ اس وقت گل بدین حکمت یار افغانستان کے وزیر اعظم تھے۔ انھوں نے حکمت سے کام لیتے ہوئے کابل کو بغیر کسی مزاحمت کے طالبان کے حوالے کیا اور اپنے زیرکنٹرول علاقوں میں طالبان کو کابل تک محفوظ راستہ بھی فراہم کیا۔
	کابل پر مکمل کنٹرول کے بعد 1996ء میں طالبان نے اسلامی اماراتِ افغانستان کے نام سے اپنی حکومت کا باقاعدہ اعلان کیا۔ پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے طالبان کی حکومت کو باقاعدہ طور پر تسلیم کیا اور تینوں ممالک نے امیرالمومنین ملا عمر کی طالبان افغان حکومت کو ہر طرح کی امداد بھی فراہم کی۔ یہی وہ وقت تھا جب اسامہ بن لادن اور ان کے ساتھی بہ شمول ایمن الظواہری دوبارہ افغانستان میں وارد ہوئے۔ انھوں نے طالبان کو مالی امداد بھی فراہم کی اور انتظامی مشوروں میں بھی شریک ہونے لگے جب کہ طالبان حکومت کے آخری دنوں میں ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ القاعدہ نے افغانستان میں طالبان حکومت کے ساتھ ساتھ اپنی ایک متوازی حکومت قائم کی ہو۔ حقیقت بھی یہی تھی اور القاعدہ کے عمائدین بھی یہی چاہتے تھے کہ ان کو ایسی خطۂ  زمین ملے جہاں سے یہ اپنے ایجنڈے پر کام بھی کریں اور اپنی بنیادیں بھی مضبوط بنائیں۔ طالبان حکومت کے آخری دنوں تک اسامہ بن لادن اور القاعدہ کے دوسرے عمائدین طالبان کے مہمان بھی رہے اور 9/11 کے واقعہ کے بعد اسامہ بن لادن کو امریکا کے حوالے کرنے سے انکار بھی کیا اور یہی موقف اختیار کیا کہ چاہے ہماری حکومت ہی ختم ہو جائے لیکن ہم اسامہ کو امریکا یا کسی بھی دوسرے ملک کے حوالے نہیں کریں گے۔ کیوں کہ ہم نے انھیں پناہ دی ہے اور پختون روایات پر عمل کرتے ہوئے ہم اپنے وعدے اور زبان کی لاج رکھیں گے۔ اس کے بعد امریکا نے 7 اکتوبر 2001ء میں افغانستان میں القاعدہ اور طالبان کے خلاف آپریشن شروع کیا۔ امریکا نے اپنے اتحادیوں کی مدد سے افغانستان پر اتنے بم اور بارود برسائے جس کی مثال پہلی اور دوسری جنگ عظیم میں بھی نہیں ملتی۔ کیپٹلسٹ اور سابق اسلام پسند امریکا نے ان جگہوں کو بھی نشانہ بنایا جن کو کمیونسٹ اور اسلام دشمن سوویت یونین نے بھی مقدس جانا تھا۔ تورا بورا کے پہاڑوں پر امریکا نے قریباً اپنے اور اتحادیوں کا ہر قسم کا اسلحہ ٹیسٹ کیا۔ اتنی بے دردی اور ظالمانہ طریقے سے بم باری کی گئی جس سے سویلین آبادی بھی محفوظ نہ رہ سکی۔ پھر بھی اسامہ بن لادن جن کے خلاف یہ ساری بم باری ہو رہی تھی، بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔ کچھ عرصہ ادھر اُدھر پہاڑوں اور غاروں میں گزارنے کے بعد وہ خیبر پختون خوا کے صحت افزاء مقام ایبٹ آباد میں رہنے لگے۔ اب یہ کسی بھی اینٹلی جنس ادارے کو نہیں معلوم کہ وہ کب، کیسے اور کہاں سے یہاں پہنچے تھے۔ وہ یہاں سے پیغام رسانوں کے ذریعے القاعدہ کے دوسرے اہل کاروں کو پیغامات اور احکامات پہنچاتے رہے اور وقتاً فوقتاً آڈیو اور ویڈیو پیغامات بھی ریکارڈ کراتے رہے تا وقت یہ کہ امریکنوں کو ان کی رہائش کا پتہ چل گیا۔ 2 مئی 2011ء کو ایک خفیہ آپریشن کے ذریعے اُسامہ بن لادن کو ان کے ایبٹ آباد والی رہائش گاہ میں سراور سینے میں گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا۔
	اُسامہ بن لادن جیسے بھی تھے، ایک عظیم مسلمان جہادی تھے۔ وہ سارے مسلمانوں کے مصائب، تکالیف، مظالم اور بے حرمتی کا بدلہ ظالم عیسائیوں ، یہودیوں اور ہندوؤں سے لینا چاہتے تھے۔ ایک طرف ساری دنیا کے غیرمسلم تھے اور دوسری جانب وہ اکیلے اور ان کے القاعدہ کے ساتھی تھے۔
	اُسامہ بن لادن نے افغان جہاد کے بعد امریکا کا اصل چہرہ پہچان لیا تھا اور مسلمانوں کے خلاف ان کی عداوتیں بھی دیکھ لی تھیں اور نہ چاہتے ہوئے بھی امریکا کی منفی پالیسیوں کے ردِ عمل میں ہزاروں ، لاکھوں انسان دونوں اطراف سے لقمۂ  اجل بن گئے اور ابھی تک مر رہے ہیں۔ یہ سلسلہ آخر کب تک جاری رہے گا؟ کسی کو نہیں معلوم۔
	بعض لوگوں کا خیال ہے کہ اگر اسامہ بن لادن اپنی ساری توانائیاں اور دولت رفاعی کاموں خصوصاً تعلیم، صحت اور مذہبی شعبوں میں لگاتے تو کم از کم وہ اپنی دولت کے بل بوتے پر سارے افغانستان اور خیبر پختون خوا کے سکولوں ، مدرسوں ، کالجوں ، یونی ورسٹیوں اور ہسپتالوں کے اخراجات تا حیات برداشت کر سکتے تھے۔ افغانستان اور خیبر پختون خوا کے عوام کی کم زوری صرف اور صرف اعلیٰ تعلیم کی ہے۔ اگر اسامہ بن لادن سائنس و ٹیکنالوجی اور سائنس ریسرچ کے بین الاقوامی معیار کے ادارے بناتے تو اس سے ان علاقوں کے لوگ ایک تو اپنے پاؤں پر کھڑے ہوتے اور پھر دوسری اقوام سے تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی کے میدانوں میں بھی مقابلہ کے قابل ہو جاتے۔ ترقی بھی کرتے اور کسی کو مارے بغیر وہ مقام حاصل کرتے جس سے دنیا میں ان کا ایک بلند مقام بنتا۔ میرا خیال ہے کہ یورپ اور امریکا سے مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں علم اور قلم کے ساتھ تعلق بنانے کی ضرورت ہے کہ بندوق اور بارود سے تباہی و بربادی تو آسکتی ہے، خوشحالی اور امن قائم نہیں ہو سکتا۔ ہمارے پاس قلم اور علم کے جہاد کا سامان ہونا چاہئے۔ یہ اب بھی ممکن ہے بشرط یہ کہ ہم اسلامی تعلیمات کے مطابق علم حاصل کریں ، اسلام کے سافٹ امیج کو اجاگر کریں اور انسانیت کے احترام کا خیال رکھیں۔ ہمیں خودکش حملوں کی بجائے اپنے اچھے اور بہترین عمل سے دنیا کو متاثر کرنا چاہئے کہ اسلام امن کا درس دیتا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے، ’’جس نے ایک انسان کی جان بچائی، اس نے گویا پوری انسانیت کو بچایا او رجس نے ایک انسان کو قتل کیا، اس نے سارے عالَم کو قتل کیا۔‘‘ (سورۂ  مائدہ)
	اب ہمیں سوچنا ہے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں ؟ اللہ تعالیٰ کے پیغام کے کتنے قریب ہیں ؟ یا اس سے کتنے دور نکل چکے ہیں۔ اسامہ بن لادن ساری دنیا سے اسلام کے لیے لڑ رہا تھا اور ساری دنیا ان سے اسلام کی مخالفت میں لڑ رہی تھی۔ اس کا نتیجہ کیا نکلا اور اس کے پاکستان، افغانستان اور عالم اسلام پر کیا اثرات مرتب ہو رہے ہیں ؟ ہمیں سوچنا چاہئے کہ پاکستان، افغانستان اور عالم اسلام موجودہ مسائل سے کس طرح نبٹ سکتے ہیں اور انھیں مستقبل کا کیالائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے۔ ہمارے دانشوروں اور سمجھ بوجھ رکھنے والے سیاست دانوں اور مفکروں کو اپنی ساری توجہ اس اَمر پر مرکوز کرنی چاہئے۔ اس وقت امریکا نے دہشت گردی کے خلاف عالمی مہم میں اسلام، پاکستان اور عالم اسلام کو بدنام کر رکھا ہے اور ہمارے بعض نا سمجھ مذہبی شدت پسند لاشعوری طور پر امریکا اور اس کے مغربی حواریوں کی سازش کا شکار ہو رہے ہیں۔ اس لیے ہمیں اسلام کے ان آفاقی پہلوؤں کو اُجاگر کرنا چاہئے جس کے تحت دنیا میں متعارف کیا گیا اسلام کا شدت پسندانہ امیج ختم ہو سکے اور اسلام نے انسان اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے جو اصول وضع کئے ہیں ، ان سے پوری دنیا کو روشناس کرایا جائے۔
	ہمیں پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست کی شکل میں ڈھالنا ہو گا جس کے نتیجے میں عوام کی محرومیاں ختم ہوں گی، ان کے بنیادی انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے گا اور عوام کی بنیادی ضروریات پورا کرنے کے لیے ریاست اپنی ذمہ داری ادا کرے گی اور عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ ممکن بنایا جائے گا۔
	ہمیں امریکا اور اس کے مغربی حواریوں کا مقابلہ علم کے ہتھیار سے کرنا ہو گا۔ ہمیں سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی اور ترویج کے لیے کالج اور یونی ورسٹیاں قائم کرنی ہوں گی اور اپنی نئی نسل کو جدید تعلیم سے آراستہ کر کے مستقبل کے لیے ترقی اور خوش حالی کے لامحدود راستے وا کرنا ہوں گے۔ جب تک ہمارے اذہان علم و عرفان اور سائنس و ٹیکنالوجی کے جدید علوم کی روشنی سے منور نہ ہوں گے، ہم پس ماندگی اور جہالت کی تاریکیوں میں ڈوبے رہیں گے۔ ہمیں ان تاریکیوں سے ہر صورت میں نکلنا ہو گا۔ ورنہ
ہماری داستاں تک بھی نہ ہو گی داستانوں میں 
٭٭٭


بسم اللہ الرحمن الرحیم


’’ن، قسم ہے قلم کی اور اس کی جو کچھ کہ وہ (فرشتے) لکھتے ہیں۔
تو اپنے رب کے فضل سے دیوانہ نہیں ہے۔ اور بے شک تیرے لیے بے انتہا اجر ہے۔ اور بے شک تو بہت بڑے (عمدہ) اخلاق پر ہے۔ پس اب تو بھی دیکھ لے گا اور یہ بھی دیکھ لیں گے کہ تم میں سے کون فتنہ میں پڑ اہوا ہے۔‘‘
(القلم ۶۸)


کتابیات

 BOOKS

(1) Amin, Tahir. Afghanistan Crisis: Implications and Options for Muslim world, Iran and Pakistan, Institute of Policy Studies Islamabad (Pakistan), 1982.
(2) Ballance, Edgar O. Afghan Wars 1939-1992: What Britain gave up and the Soviet Union Lost, Brassey's, London, 1993.
(3) Boutros-Ghali, Boutros. Confronting New Challenges, Annul Report, United Nations, New York, 1995.
(4) Bulletin of the European communities (Commission), vol. 13, No. 2, March, 1980.
(5) Cordovez, Diego, Selig S. Harrison. Out of Afghanistan: The Inside Story of the Soviet Withdrawal, Oxford University Press, Inc, 1992.
(6) Davies, Colin, C. The Problem of the North-West Frontier, 1890-1908, Cambridge, 1932.
(7) Dixit, Abha. "The Future of the Afghan civil war: will Taliban Alter the Nature of Conflict"?, Strategic Analysis, Vol. xviii, No. 4, Institute for Defence Studies and Analyses, New Delhi, July, 1995.
(8) Gregorion, Vartan. The Emergence of Modern Afghanistan: Politics of Reform and Modernization 1880-1946, Stanford University Press, Stanford, California 1969.
(9) Galeotti, M. Afghanistan: The Soviet Union Last War, Frank Cass & Co Ltd, London, 1995.
(10) Galster, R. Steven. "Rivalry and reconciliation in Afghanistan", Third World Quarterly, London, Vol. 10, No. 4, October, 1988.
(11) Hauner, Milan. The Soviet War in Afghanistan: Patterns of Russian Imperialism, the Foreign policy Research Institute, University Press of America, Inc, 1991.
(12) Inglis, Fred. The Cruel Peace: Living Through the Cold War, Aurum Press, London, 1992.
(13) Jackson, R. H, Alan, J.(ed.), States in a Changing World: A contemporary Analysis, Oxford University Press Inc, New York, 1993.
(14) Kakar, M. Hassan. Afghanistan: The Soviet Invasion and the Afghan Response, 1979-1982, University of California Press, London, 1995.
(15) Khalilzad, Zalmay. "The Struggle for Afghanistan", Survey, Vol. 25, No. 2 (111), London, Spring 1980.
(16) Khalilzad, Zalmay. "Afghanistan in 1995: Civil War and a Mini-Great Game", Asian Survey, Vol. xxxvi, No. 2, February 1996.
(17) Klass, Rosanne. Afghanistan: The Great Game Revisited, (Rev. ed.), Freedom House, New York, 1990.
(18) Ma'aroof, Khalid. M. Afghanistan in World Politics (A study of Afghan-US Relations), Gian Publishing House, India, 1987.
(19) Rashid, Ahmed. "Back with a Vengeance: Proxy War in Afghanistan", The World Today, London, March, 1996.
(20) Rogers, Tom. The Soviet Withdrawal from Afghanistan: Analysis and Chronology, Green wood Press, London, 1992.
(21) Rubin, R. Barnett, The Search for Peace in Afghanistan: From Buffer State to Failed State, Yale University Press, London, 1995.
(22) Saikal, Amin and William Maley (ed.), The Soviet Withdrawal from Afghanistan, Cambridge University Press, New York, 1989.
(23) Urban, Mark. War in Afghanistan, Macmillan Press, 1988.
(24) Sen Gupta, Bhabani. Afghanistan: Politics, Economics and Society - Revolution, Resistance, Intervention, Frances Pinter (Publishers), London, 1986.
(25) Friedman, George.  The Next 100 years: A Forecast For The 21st Century ,  Allison & Busby Limited, London, 2009.؂
(26) Brzezinski,  Zbigniew  &  Scowcroft Brent.  America and the World, Conversation on the future of American Foreign Policy,(md)Ignatius David, Basic Books, New York, 2008.
(27) Johnson, Rob. Oil, Islam and Conflict: Central Asia  Since 1945, Reakton Books Ltd, London, 2007.
(28) Rogers, Paul. Why we're Losing The War on Terror, Polity Press, Cambridge, 2008.
(29) Kleveman, Lutz. The New Great Game: Blood and 
Oil in Central Asia, Atlantic Books, London, 2004.
(30) Griffiths,  John  C.  Afghanistan: Land of Conflict and Beauty,  Andre' Deutsch, London, 2009.
(31) Marsden, Peter. Afghanistan, Aid, Armies & Empires, I.B. Tauris, London 2009.
(32) Ballance, Edgar O, Afghan Wars; Battles in a Hostile Land, Brassey's, London, 2002.
(33) Mc Cauley, Martin, Afghanistan and Central Asia, A modern History, Longman, London,2002.
(34) Clements, Frank A, Conflict in Afghanistan, A Historical Encyclopaedia, ABC-CLIO, Inc, California, 2002.
(35) Ewans, Martin, Afghanistan, A new History,  Curzon, Great Britain, 2001.
(36) Rasanayagam, Angelo, Afghanistan: A Modern History; Monarchy, Despotism or Democracy? The problems of Governance in the Muslim Tradition, I.B. Tauris, London, 2003.
(37) Russian, Meredith L, The History of Afghanistan,  Greenwood Press, London, 2007.
(38) Mohammad, Sajjad, The Role of the United Nations in Afghanistan, The University of Westminster, The Diplomatic Academy of London, 1997. 
(39) Tim Bird and Alex Marshall, Afghanistan: How the West Lost Its Way , Yale University Press New Haven and London, 2011.
(40) Major Rusty Bradley and Kevin Maurer, Lions of Kandahar, Bantam Books New York, 2011.
(41) David ISBY,  Afghanistan: Grave Yard of Empires, A New History of the Borderland, Pegasus Books, New York, 2010.
(42) Nick Turse, (ed), The Case for Withdrawal From Afghanistan, Verso London  .  New York, 2010.
 (43) Gregory Feifer, The Great Gamble: The Soviet War in Afghanistan, Harper  .  Perennial, 2009.
(44) Seth G. Jones, In The Graveyard of Empires: America's War in Afghanistan, W . W . Norton & Company, New York . London,  2010.
(45) Stephen Tanner, Afghanistan: A Military History From Alexander The Great to the War Against the Taliban, Da Capo Press, USA, 2009.
(46) Bob Wood Words, Obama's Wars; the Inside Story, Simon & Schuter, London . New York, 2010.
(47) James Gannon, Obama's War: Avoiding a Quagmire in Afghanistan,  Potomac Books, Washington DC. 2011.
(48) Frank Shanty, The Nexus: International Terrorism and Drug Trafficking from Afghanistan, Praeger, California . Oxford England, 2011.

 PERIODICALS
(1)  International Affairs, London
(2)  Foreign Affairs, New York
(3)  The Economist, London
(4) Time, International Edition
(5)  Newsweek, International Edition 
(6)  Foreign Policy, Washington

 NEWS PAPERS
(1)  Daily Jang, London
(2)  Financial Times, London
(3)  The Guardian, London
(4)  International Herald Tribune, New York
(5)  New York Times
(6)  The Washington Post
(7)  USA Today
(8)  The Huffington Post, United Kingdom
(9)  The Independent, United Kingdom

٭…٭…٭

ناشر فضل رب راہی کے تشکر کے ساتھ جنہوں نے فائل فراہم کی
ان پیج سے تبدیلی،  تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
