﻿


سماج کو بہتر بنائیے 




مفتی تنظیم عالم قاسمی








دو باتیں

’’اردو کے سب سے کثیر الاشاعت روزنامہ ’’منصف‘‘ حیدرآباد اور ہندوستان کے مختلف مؤقر جرائد و رسائل میں سماج اور معاشرہ سے متعلق شائع شدہ اہم علمی اور تحقیقی مضامین اس میں جمع کیے گئے ہیں جن کو لوگوں نے بڑا سراہا اور پسندیدگی کی نظر دیکھا ہے۔ ان مضامین کو پڑھنے سے دل میں گداز، جذبۂ  عمل اور خوفِ خدا کی کیفیت پیدا ہو گی اور آپسی میل جول، رہن سہن، انفرادی اور اجتماعی زندگی سے متعلق اہم اصول و آداب کا علم ہو گا۔‘‘ 

مفتی تنظیم عالم قاسمی 
استاذ ِ حدیث دارالعلوم سبیل السلام، حیدرآباد 



’’مضامین کا یہ مجموعہ بڑا قیمتی اور قابل قدر ہے‘‘ 


تاثر:  مولانا محمد نعمان بدر القاسمی ندوی 
معتمد دارالعلوم سبیل السلام حیدرآباد 
اس سے کسی کو انکار نہیں کہ موجودہ معاشرہ و سماج بہت سی برائیوں و بے حیائیوں میں ڈوبا ہوا ہے، ہر دن ایک نئی ایمان سوز خرابی جنم لے رہی ہے، ایک زمانہ تھا کہ لوگوں کو برائی کرتے ہوئے شرم محسوس ہوتی تھی، برے لوگ بھی چاہتے تھے کہ ان کے بے حیا کام کا علم دوسروں کو نہ ہوسکے، لیکن آج فیشن کے نام پر بہت سی برائیاں ہمارے سماج میں داخل ہو گئی ہیں جن کے کرنے پر فخر محسوس کیا جاتا ہے، بقول شاعر: 
سکھائے ہیں محبت کے نئے انداز مغرب نے 
 حیا سر پیٹتی ہے عصمتیں فریاد کرتی ہیں 
ضرورت ہے کہ اجتماعی طور پر تقریری، تحریری اور مختلف کوششوں کے ذریعہ سماج میں داخل برائیوں کے تدارک کی فکر کی جائے، اس کے لئے مہم چلائی جائے اور جس طرح بھی ہوسکے صالح معاشرہ کی تشکیل کی مکمل کوشش کی جائے، یقیناً اس سے سماج پر بہتر اثرات مرتب ہوں گے اور ملک و ملت میں اچھا ماحول پیدا ہو گا، راحت اور سکون کی فضا عام ہو گی۔  
اپنے استاذ محترم مفتی تنظیم عالم قاسمی کی کتاب’’ سماج کو بہتر بنائیے‘‘ کی اشاعت پر میں اپنی مسرت کا اظہار کرتا ہوں، وہ نہ صرف درس و تدریس بلکہ زبان و بیان اور تحریری صلاحیتوں میں اچھی صلاحیت کے حامل ہیں، اللہ تعالیٰ کی جانب سے لکھنے پڑھنے کا سھترا ذوق ان کو حاصل ہے، سماج سے متعلق مختلف اوقات میں لکھے گئے ان کے مضامین کا یہ مجموعہ بڑا قیمتی اور قابل قدر ہے، امید ہے کہ شوق کے ہاتھوں اسے لی جائے گی اور قدر کی نگاہوں سے پڑھی جائے گی۔  
محمد نعمان بدر القاسمی ندوی 		
			معتمد دارالعلوم سبیل السلام، حیدرآباد 
			       ۲۲/شعبان ۱۴۳۰ھ 


کچھ دل کی باتیں 

اسلام آسمانی دین ہے، اسے آخری مذہب کے طور پر پیش کیا گیا ہے، یہ مذہب ایسے اصول و آئین پر مشتمل ہے جن پر عمل آوری سے ساری دنیا میں عدل و انصاف اور امن و آشتی کی فضا بن سکتی ہے۔ اسلام نے سب سے پہلے لوگوں کو انسانیت کا درس دیا ہے، پڑوس میں رہنے والے خواہ غیرمسلم ہوں، ان کے ساتھ بھی حسن سلوک اور اخلاق برتنے کی تعلیم دی گئی ہے، البتہ اگر پڑوسی مسلمان ہو تو دو گُنا اس کا حق عائد ہوتا ہے، لیکن انسانیت کے اعتبار سے ہر شخص کے ساتھ اخوت، ہمدردی اور محبت ہمارا مقصد اور نصب العین ہونا چاہیے۔ یہی حال زندگی کے تمام شعبوں کا ہے۔ تجارت، معاملات، لین دین اور دوسرے اوقات میں غیرمسلم اور برادرانِ وطن سے سچائی اور امانت داری کا معاملہ کیا جائے، کفر اور غیرمسلم ہونے کی بنیاد پر دھوکہ بازی، غداری اور جھوٹ شریعت میں قطعاً جائز نہیں ۔ 
یہ بھی حقیقت ہے کہ مسلمان اگر اپنے معاملات اور شعبۂ  زندگی کو پاک کر لیں اور قرآن کے بتائے گئے اصول کے مطابق اسلام کی صحیح تصویر پیش کریں تو غیروں پر اس کے اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ پہلے زمانے میں اہل توحید کے معاملات کی صفائی، روشن کردار اور ان کے اعلیٰ اخلاق کو دیکھ کر لوگ کلمہ پڑھ لیا کرتے تھے، گنہگاروں کے لیے مسلمانوں کے روشن چہرے ہدایت کے مینار ثابت ہوتے۔ آج عمل کا یہ فلسفہ ہمارے درمیان سے مفقود ہو گیا، اس لیے اپنوں پر اور نہ غیروں پر اسلام کے آئین مؤثر ہوسکے۔ دوسروں سے پہلے ضرورت ہے کہ خود اپنے کردار کو پاک اور صالح بنائیں ۔ اسلامی سماج اور معاشرہ کو اگر جھوٹ، غیبت، حرام خوری اور دیگر امور سے پاک کیا جائے تو کوئی بعید نہیں کہ ساری قومیں اسلام کے قدموں پر جھک جائیں اور اپنی اطاعت کا اعلان کر دیں ۔ اس طرح اسلام کی صداقت کھل کر لوگوں کے سامنے آئے گی، فاصلے کم ہوں گے، ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملے گی، ورنہ یہ غور کرنے کی بات ہے کہ اسلام تمام مذاہب میں حق، ممتاز اور دائمی ہے پھر بھی موجودہ دَور میں اس کی لَو مدھم کیوں ہوتی جا رہی ہے؟ 
آج مضامین و مقالات اور اشاعت ِ کتب میں کمی نہیں، لیکن ان کے بہتر اثرات   مرتب نہیں ہیں ۔ اس کی اہم وجہ معاشرے کی خرابیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے محض بعض مفاد کے لیے کام کرنا اور سستی شہرت کے حصول کا جذبہ دل میں پیدا ہونا ہے۔ اگر تمام اہل قلم، اپنے گاؤں، علاقے اور سماج و معاشرہ میں راہ پانے والی برائیوں کو مٹانا مشن بنائیں اور اپنے قلم سے بے حیائیوں اور خرابیوں کا مقابلہ کریں، تو معاشرہ بہت جلد جرائم سے پاک ہوسکتا ہے۔ جو لوگ اصلاحی مضامین لکھتے ہیں وہ مبارکباد کے قابل ہیں کہ مرض کے موافق علاج سے شفاء کی امید جلد کی جا سکتی ہے۔ ہمہ مسلکی جماعت اصلاحِ معاشرہ و ازالۂ  منکرات بہادرپورہ حیدرآباد کے ذریعے مختلف نوعیتوں سے عملی کوشش جاری ہے کہ معاشرے سے برائیاں دور ہوں اور سماج صاف ستھرا ہو، اس کے چیئرمین محترم جناب خادم ایم اے نعیم صاحب اور دیگر تمام رفقائے کار کی کوششیں یقیناً قابل تحسین ہیں ۔ 
پیش نظر کتاب علمی، تحقیقی، سماجی اور اصلاحی مضامین کا مجموعہ ہے۔ معاشرہ اور سماج میں پائی جانے والی خرابیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ مضامین مختلف اوقات میں لکھے گئے ہیں ۔ سادہ انداز، مواد کی فراہمی، قرآن و احادیث سے استدلال اور زبان انتہائی معتدل اور شیریں رکھی گئی ہے، تاکہ آنکھوں کی راہ سے یہ باتیں دلوں میں اتر جائیں ۔ یہ بھی مسرت کی بات ہے کہ یہ مضامین روزنامہ منصف حیدرآباد کے مذہبی سپلیمنٹ ’’مینارۂ  نور‘‘ میں شائع ہو چکے ہیں ۔ اس کے علاوہ ہندوستان کے مختلف معیاری جرائد و رسائل میں بھی شائع ہو کر مقبول خاص و عام ہوئے ہیں ۔ 
قارئین نے ان مضامین کو بڑا سراہا، بعض نے فون پر اور بعض نے تحریر کے ذریعے مبارکباد دی اور بہتر تاثر کا اظہار کیا۔ اردو اکیڈیمی آندھرا پردیش شکریہ کا مستحق ہے کہ جزوی تعاون کے ذریعے پیش نظر کتاب کی اشاعت میں ہمت و حوصلہ دیا اور دل کے خوابیدہ جذبات کو منظر عام پر لانے کی راہ ہموار کی۔ 
اس موقع پر بڑی ناسپاسی ہو گی اگر میں اپنے رفیق مولانا عارف حسین قاسمی کو فراموش کر دوں، جنہوں نے ہر موڑ پر میرا ساتھ دیا اور ان مضامین کے اشاعت کے ذریعہ میری حوصلہ افزائی کی۔ روزنامہ منصف کے نیوز ایڈیٹر محترم غضنفر علی خان صاحب بھی شکریہ کے مستحق ہیں کہ ان کے تعاون نے میرے حوصلے کو مہمیز کیا ہے۔ ان کے علاوہ تمام احباب و رفقاء کا احسان مند ہوں جنہوں نے میرے لیے دعائیں کی ہیں یا کسی بھی اعتبار سے میرا ساتھ دیا۔ 
اس میں شبہ نہیں کہ صرف خدا کی ذات بے عیب ہے اور اس کی کتاب ’’قرآن مجید‘‘ ہر طرح کے اغلاط سے ماورا ہے، دیگر کتابوں کے بارے میں مکمل صحت کا دعویٰ نہیں کیا جا سکتا۔ اس کتاب میں بھی ممکن ہے بہت سی لفظی اور معنوی غلطیاں ہوں، امید ہے کہ آپ اسے نظرانداز کر دیں گے اور خذ ما صفا و دع ماکدر ’’اچھی چیز کو لے لو اور غلط کو چھوڑ دو‘‘ پر عمل کرتے ہوئے اس سے استفادے کی کوشش کریں گے اور اغلاط کی نشاندہی بھی کریں گے، تاکہ اگلے ایڈیشن میں تصحیح کا کام کر لیا جائے۔ خدا کرے مضامین کا یہ مجموعہ قبولِ عام ہو اور اللہ تعالیٰ اسے میری مغفرت کا ذریعہ بنائے۔ آمین 

				تنظیم عالم قاسمی 
			استاذ ِ حدیث دارالعلوم سبیل السلام حیدرآباد 
				   ۲۶/ شعبان ۱۴۳۰ھ؁ 



 اصلاحِ معاشرہ وقت کی اہم ضرورت


آج سے نصف صدی قبل برائیاں اتنی نہیں تھیں جتنی کثرت سے آج پائی جا رہی ہیں، فحش اور منکرات کی مختلف جدید شکلوں کا چلن اس طرح عام ہو تا جا رہا ہے جس کا کچھ دنوں پہلے تصور بھی نہیں تھا، گویا سائنس اور ٹکنالوجی کی ترقی کے ساتھ معاشرہ میں بے حیائیاں بھی ترقی پذیر ہیں، کہیں فیشن کہیں سیرو تفریح کہیں ٹائم پاس اور کہیں زمانہ سے ہم آہنگی کے نام پر طرح طرح کی برائیاں وضع کر لی گئی ہیں جن کی لپیٹ میں نہ صرف غیر مسلم بلکہ مسلمانوں کا ایک بڑا طبقہ ملوث ہے۔ مرد، عورت، جوان، بچہ، بوڑھا، اور امیر و غریب کے امتیاز کے بغیر بیشتر افراد دانستہ یا نادانستہ طور پر معاشرہ میں رائج منکرات کے شکار ہیں جن پر انہیں کوئی احساس یا غم نہیں، کیوں کہ یہ زمانہ کی اُپج ہے، ان سے منہ موڑ لینا ان کے نزدیک عقلمندی نہیں یا پھر تغیرات زمانہ کو اپنائے بغیر زندگی کو بے جان اور ناقص تصور کیا جاتا ہے۔  

سکھائے ہیں محبت کے نئے انداز مغرب نے
 حیا سر پیٹتی ہے، عصمتیں فریاد کرتی ہیں 
بعض پرانے بڑے بوڑھوں کی زبانی بار ہا سنا ہے کہ چار پانچ دہائی قبل نوجوانوں کو سینما دیکھنے میں شر م محسوس ہوتی تھی، سنیما بینی کو جرم سمجھتے ہوئے حتی الا مکان اسے چھپانے کی کوشش کرتے تھے یہی حال تقریباً تمام برائیوں کا تھا، مگر آج مجرمین اپنے جرم پر فخر محسوس کرتے ہیں ۔  انتہائی بے با کی اور جراتمندی کے ساتھ برسرعام برائی کی جاتی ہے نہ اسے خود اپنی غلطی کا احساس ہے اور نہ ہی کوئی ٹوکنے والا یا کم از کم برائی سمجھ کر دل میں نفرت کا احساس پیدا کر نے والا ہے۔  اس کا بنیادی سبب فحش اور منکرات کی کثرت ہے یعنی برائیاں اتنی پھیل گئی ہیں کہ کوئی علاقہ، کوئی سماج، کوئی گھر بلکہ کوئی فرد اس سے محفوظ نہیں ہے، کسی نہ کسی طرح ہر شخص اس کی لپیٹ میں ہے۔  اسی کثرت اور زیادتی کے سبب لوگوں کے دلوں سے ان برائیوں کی قباحت و شناعت ختم ہو گئی اور اب برائی کے بجائے ضرورت زندگی اور سیر و تفریح کی راہ سے ہماری زندگیوں میں یہ برائیاں داخل ہو گئیں ۔ شراب نوشی، فلم بینی، زنا کاری، ناچ گانا، گالی گلوج، فحش گوئی، سود، رشوت شادی بیاہ میں غلط رسم و رواج، اسراف، فضول خرچی اور دوسری سیکڑوں برائیاں ہیں جن کی قباحت کے بیان سے کتابیں بھری ہوئی ہیں، قرآن و حدیث کے متعدد نصوص میں ان پر وعید کا تذکر ہ ہے مگر کون سا ایسا دن ہے جب کہ کوئی مسلم معاشرہ ان منکرات سے بچا ہوا  ہو، حقوق اللہ سے لے کر حقوق العباد تک اور فرائض سے لے کر اخلاقیات تک پا مال نہ کیے جاتے ہوں، حد تو یہ ہے کہ تھوڑی تھوڑی بات میں، لڑنے جھگڑنے، فحش کلامی اور ظلم و زیادتی کی ایسی بھیانک شکلیں اختیار کی جاتی ہیں جن سے اسلام تو کیا انسانیت کو شرم آنے لگتی ہے۔  
اسی کے ساتھ معاشرہ کے اس پہلو پر بھی نظر رہے کہ نا جائز اور حرام چیزیں اس قدر سماج میں رائج ہو گئی ہیں کہ اگر کوئی اللہ کا نیک بندہ ان کے ارتکاب سے بچنا بھی چاہے تو اگر محال یا نا ممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے جیسے زندگی کے ہر شعبہ میں رشوت کا چلن عام ہو گیا ہے، کسی بھی آفس میں رشوت کے بغیر کوئی کام انجام نہیں پاتا اسی طرح سودی کاروبار اور اس کی لعنت میں پورا معاشرہ جکڑا ہوا ہے، شادی بیاہ میں بے جار سم و رواج، اسراف و فضول خرچی اور جہیز کا لین دین ضرورت زندگی اور ثواب بن کر معاشرہ میں اس طرح عام ہو گیا ہے کہ ان رائج خطوط سے ہٹ کر شادی معاشرہ کی لعنت کا سبب بن جاتی ہے، دکانوں ہوٹلوں اور آفسوں میں کسی شدید ضرورت کے بغیر لڑکیوں کو بے پر دہ رکھنے کا رواج عام ہو رہا ہے، تا کہ ان کی جاذبیت سے گاہک اور خریدار ان کی طرف متوجہ ہوں اور کاروبار چل سکے، اسی طرح ان جگہوں میں ٹی وی چلا نے اور ناچ گانے کا رجحان بھی بڑھتا جا رہا ہے، کسی جائز مقصد کے لیے انٹر نیٹ یا الکٹرانک میڈیا کا استعمال کیا جائے تو درجنوں مکروہات سے گزر کر مقصد تک رسائی ممکن ہو سکتی ہے۔  اس طرح قدم قدم پر شعوری یا غیر شعوری طور پر برائی کا ارتکاب زندگی کا لازمی جز بن چکا ہے، گویا خرابیوں اور برائیوں کا ایک سیلاب ہے جس کے رو میں پوری ملت اسلامیہ اپنی بے بسی کی شکایت کر رہی ہے۔  
ان حالات میں اصلاح معاشرہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔  یقیناً خدمت دین کے مختلف شعبے ہیں، اخلاص پر مبنی کسی بھی کوشش کو رضامندی ٔ الٰہی کا ذریعہ قرار دیا جا سکتا ہے تاہم موجودہ دور میں سماج اور معاشرہ میں پائی جانے والی مختلف بیماریوں کا مناسب علاج اور تدارک دیگر دینی امور کے مقابلہ میں زیادہ توجہ کے قابل ہے کہ صالح معاشرہ تمام نیکیوں کی جڑ ہے، ارشاد باری ہے:
’’لوگوں کی بد اعمالیوں کی وجہ سے خشکی اور تری میں فساد پھیل گیا۔‘‘ (الروم :۴۱) معلوم ہوا کہ ایک شخص کی برائی کی نحوست دوسروں پر بھی پڑتی ہے اگر چہ ان کا اپنا عمل بہتر ہی کیوں نہ ہو، یہی وجہ ہے کہ آج پوری ملت بے چین ہے، اضطراب کے عالم میں مسلمانوں کی زندگی گزر رہی ہے۔ انتھک محنت اور کوشش کے باوجود  گھر میں نہ برکت ہے اور نہ ہی سکون و اطمینان کی کیفیت۔ یہی مضمون رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان الفاظ میں ارشاد فرمایا:
’’قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضے میں میری جان ہے، تم یقیناً امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا فریضہ انجام دو گے یا عنقریب اللہ تعالیٰ تم پر اپنا عذاب نازل کرے گا پھر تم اللہ تعالیٰ سے دعا بھی کر و گے تو تمہاری دعا قبول نہیں کی جائے گی۔  ‘‘
عذاب نازل کیے جانے کی مختلف صورتیں ہیں، دوستوں کا دشمن بن جانا، گھر میں بیماریوں کا آنا، اولاد کا نافرمان ہو نا، مقدمات میں پھنس جانا، قرضوں میں مبتلا ہو جانا، دعاؤں کا قبول نہ ہو نا، باہمی اختلاف رونما ہو نا وغیرہ … اگر غور کیا جائے تو معاشرہ میں موجود خرابیوں اور برائیوں کے سلسلہ میں قابل لحاظ ہماری کوشش نہ ہو نے کے سبب ہم مختلف مسائل سے دوچار ہو گئے اور اب ہماری پریشانی انتہا کو پہنچ چکی ہے، اس لیے امت کے تمام با شعور افراد کو چاہیے کہ اپنی بساط کے مطابق اصلاح معاشرہ کی کوشش کریں، اہل زبان اصلاحی بیان کے ذریعہ، اہل قلم اصلاحی تحریر و مضامین کے ذریعہ، اہل ثروت اصلاحی کاموں میں دولت خرچ کر کے، اصحاب علم و فن اپنے ہنر اور فن استعمال کر کے ‘غرض اصلاحِ معاشرہ و ازالۂ  منکرات کے لیے اگر اجتماعی کوشش کی جائے تو کچھ بعید نہیں کہ ہمارا معاشرہ صحیح معنی میں اسلامی معاشرہ میں تبدیل ہو جائے اور اللہ کی بے پا یاں رحمتیں ہماری طرف متوجہ ہوں ۔ 
جنگ ِ آزادی کے مشہور اور سر گرم رکن حضرت شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندیؒ کی ساری عمر جہاد اور اس کی تیاری میں گزری مگر جب وفات کا وقت آیا تو طبیعت پر آزردگی دیکھ کر بعض لوگ یہ سمجھے کہ شاید موت کی فکر ہے لیکن جب پوچھا گیا تو جواب دیا کہ ’’ آرزو یہ تھی کہ کسی میدان کارزار میں موت آتی، سر کہیں ہو تا، دھڑ کہیں ‘غم اس کا ہے کہ آج بستر پر مر رہا ہوں ۔  ‘‘( جہاں دیدہ: ۵۰۲) 
مولانا کے زمانہ میں پورا ملک انگریزوں کا غلام تھا مسلمانوں کے خلاف ہر طرف محاذ آرائی تھی ملت سسک رہی تھی دین خطرہ میں تھا جس کا درد حضرت شیخ الہندؒ اپنے دل میں محسوس کر رہے تھے اور چاہتے تھے کہ مسلمانوں کے مسائل حل ہوں خواہ ان کے لیے انہیں اپنی جان کی قربانی ہی کیوں نہ دینی پڑے۔  
قوتِ حافظہ میں ضرب المثل حضرت مولانا انور شاہ کشمیری ؒ کو معاشرہ میں پائی جانے والی خرابیوں کے ختم کر نے کا اس قدر جذبہ تھا کہ ہمیشہ وہ بے چین رہتے مشہور مفسر قرآن حضرت مفتی شفیع ؒ مولانا کے جذبات کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں ’’ حضرت مولانا انور شاہ کشمیری ؒ کی مساعی ٔ جمیلہ کے نتیجے میں ہر سال قادیان میں مسلمانوں کا ایک جلسہ ہونے لگا تھا ایک مرتبہ ہم حضرت کے ساتھ اس جلسے میں شرکت کے لیے گئے ہوئے تھے ایک روز وہیں نماز فجر کے بعد حضرت کو دیکھا کہ مغموم بیٹھے ہیں احقر نے مزاج دریافت کیا تو فرمایا کہ طبیعت تو ٹھیک ہے لیکن آج کل ہر وقت دل و دماغ پر یہ فکر مسلط ہے کہ ہم لوگ اپنے درو س اور تقریر و تحریر میں حنفیت کی ترجیح پر زور دینے میں لگے رہے اور قادیانیت الحاد و بے دینی کے یہ فتنے کہاں سے کہاں پہنچ گئے حالانکہ حنفیت اور شافعیت  کا یہ اختلاف زیادہ سے زیادہ راجح اور مرجوح کا اختلاف ہے جس کا فیصلہ حشر میں بھی نہیں ہو گا اور ان فتنوں سے دین و ایمان پر ضرب لگ رہی ہے اس بنا ء پر مغموم بیٹھا ہوں ۔  ‘‘( چند عظیم شخصیات: ۳۶) 
یہ اور اس طرح بیشتر واقعات ہیں کہ علماء، اہل فکر اور خدا کے نیک بندے ملت کے تئیں اپنی ذمہ داری کے احساس سے تڑپتے اور بے چین رہتے تھے، اصلاح معاشرہ کے لیے انہوں نے مصائب بر داشت کیے اور تمام چیزیں اس کے لیے قربان کر دیں ۔  
آج اصلاحِ معاشرہ کے نام پر مختلف نوعیتوں سے کوشش جاری ہے، ادارے اور تنظیموں کی کمی نہیں، مگر نتیجہ صفر کے درجہ میں ہے، معاشرہ کی برائی کم ہو نے کے بجائے روز بروز بڑھتی ہی جا رہی ہے، اس کی بڑی وجہ اخلاص کی کمی ہے، عام طور پر ان ملی اداروں کے قیام کا مقصد سستی شہرت و عزت کا حصول ہو تا ہے یا اس کے بہانے دنیا کما نے کا جذبہ جس کے سبب ملت کا درد دل میں پیدا نہیں ہو پا تا اور نہ ہی زبان و قلم میں تاثیر پیدا ہو تی ہے، مصلحت اور حکمت کے بہانے بھی بہت سی حق باتیں ترک کر دی جاتی ہیں جس کی اسلامی تعلیمات میں قطعاً گنجائش نہیں، اس کو احادیث میں مداہنت سے تعبیر کیا گیا ہے، لہٰذا اہل علم اور اصحاب استطاعت کا فریضہ ہے کہ وہ اخلاص و للہیت کے ساتھ دین کا صحیح پیغام لوگوں تک پہنچائیں اور کسی ملامت کرنے والے کی ملامت کی پرواہ کیے بغیر شرعی احکام سے اللہ کے بندوں کو واقف کرائیں ۔
٭٭٭



اسلام میں حقوق العباد کی اہمیت  


دنیا میں جتنے بھی انبیاء کرام تشریف لائے ان سب کی ایک ہی آواز تھی اور وہ ہے حقوق کی ادائیگی، حقوق کی دو قسمیں ہیں، ایک حقوق اللہ اور دوسرے حقوق العباد، حقوق کی پہلی قسم یعنی وہ جس کا براہِ راست اللہ تعالیٰ سے تعلق ہے جیسے نماز، روزہ، زکوٰۃ اور دوسری عبادات، ذکر و اذکار وغیرہ، اس کے ادا کرنے کی بلا شبہ تاکید کی گئی ہے اور اس کے ترک پر سختی اور عذاب سے ڈرایا گیا ہے لیکن اس کے باوجود اس قدر خطرناک اور مہلک نہیں ہے جس طرح حقوق العباد یعنی بندوں کے حقوق کا ادا نہ کرنا انسان کے لئے باعث ہلاکت ہے، یہی وجہ ہے کہ انداز اور طریقۂ  دعوت خواہ مختلف ہو تمام نبیوں اور رسولوں نے اپنی قوموں کے حقوق العباد کی طرف خاص طور پر توجہ دلائی ہے جس کا ذکر قرآن شریف کے مختلف مقامات پر ملتا ہے۔ 
سورہ اعراف آیت ۸۵ میں حضرت شعیب  ں کا تذکرہ ہے، جن لوگوں کی طرف یہ بھیجے گئے تھے ان میں سب سے بڑی خرابی یہ تھی کہ یہ لوگ دوسروں کی حق تلفی کرتے تھے، جب لینے کی بات ہوتی تو زیادہ لیتے اور دینے کے وقت کم دیا کرتے تھے، ناپ تول میں کمی ان کی عادت بن گئی تھی اور اس پر مزید یہ کہ راستوں اور سڑکوں کے دہانوں پر بیٹھ جاتے اور آنے والوں کو ڈرا دھمکا کر لوٹتے، اس طرح اللہ اور اس کے رسول پر ایمان نہ لا کر اس کے حق ضائع کرنے کے ساتھ بندوں کے حقوق بھی تلف کر رہے تھے، حضرت شعیب ں نے ایمان و توحید کے بعد خاص طور سے اس سے باز رہنے کی ہدایت دی اور فرمایا: قَدْجَائتْکُمْ بَیِّنَۃٌ مِّنْ رَّبِّکُمْ فَاوْفُوْا الْکَیْلَ وَالْمِیْزَانَ وَلَاتَبْخَسُو النَّاسَ اشْیَائَ ھُمْ وَلَاتفسدوا فی الارْضِ بَعْدَ اِصْلَاْحِھَا ’’ اب تو تمہارے پاس کھلا نشان بھی تمہارے پروردگار کی طرف سے آچکا سو تم ناپ اور تول پوری کیا کرو اور لوگوں کا نقصان ان کی چیزوں میں مت کیا کرو اور ملک میں فساد نہ مچاؤ اس کی درستی کے بعد۔‘‘ 
اس آیت میں ناپ تول کی کمی سے ہی نہیں بلکہ ہر طرح کے حق کی ادائی میں کمی و کوتاہی سے منع کیا گیا ہے، کسی کا سامان لے کر نہ دینا، کسی سے قرض لے کر واپس نہ کرنا، کسی کو گالی گلوج یا بے آبرو کرنا، غرض حق کا تعلق مال سے یا عزت و آبرو یا کسی دوسری چیز سے اس کی ادائی کا حکم دیا گیا، اہل علم جانتے ہیں کہ ’’ بخس ‘‘ کے معنی کسی کے حق میں کمی کر کے نقصان پہنچانے کے ہیں خواہ وہ حق معاشرت سے متعلق ہو یا معاملات سے، قرآن کی مذکورہ آیت میں کیل اور میزان یعنی ناپ تول کی کمی زیادتی کے ساتھ بطور ِ خاص علیحدہ دیگر حقوق میں کوتاہی سے باز رہنے کی تاکید کی گئی تاکہ اس کی اہمیت معلوم ہو سکے۔  
حضرت شعیب ں نے اپنی قوم کو بارہا سمجھایا اور اللہ کے عذاب سے ڈرایا دھمکایا لیکن وہ اپنی عادت اور فطرت سے باز نہ آئے، بالآخر اللہ تعالیٰ نے ان پر زلزلے کا عذاب نازل کیا اور وہ ہلاک کر دیئے گئے، ان کے علاوہ جن قوموں نے بھی خیانت، بدمعاشی، حرام خوری اور حق تلفی کو اپنا شعار اور مزاج بنایا اور تنبیہ کئے جانے کے بعد بھی وہ باز نہ آئے، وہ اللہ کے سخت عذاب میں گرفتار ہو گئے، ان کے واقعات سورۂ  اعراف کے علاوہ سورۂ  ہود آیات ۸۴ تا ۹۵ اور سورۂ  الشعراء آیات ۱۷۷ تا ۱۹۱ میں مذکور ہیں، جن کے مطالعے سے یہ بات واضح ہو جائے گی کہ بندوں کے حقوق کی رعایت اور معاملات کی درستگی اتنا اہم ہے کہ اس میں غفلت اور سستی انسان کو ہلاکت تک پہنچا دیتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے قاعدہ کلیہ کے طور پر تمام کمی حق تلفی کرنے والوں کو ’’ ویل ‘‘ یعنی ہلاکت اور شدتِ نقصان کی دھمکی دیتے ہوئے ارشاد فرمایا : ’’ویل للمطففین ‘‘ بڑی خرابی ہے ناپ تول میں کمی کرنے والوں کے لئے ’’۔  ’’ویل ‘‘ کے معنی لغت میں شدتِ عذاب کے ہیں، یہ عذاب آخرت میں تو متعین ہے ہی، دنیا میں بھی مختلف پریشانیوں اور مصائب میں گرفتاری اس میں داخل ہے، ناپ تول میں کمی کرنے والا یا کسی کا ناحق مال کھانے والا کبھی سکون اور چین نہیں پا سکتا، غلط طریقے سے مال کا حصول گھر میں برکت نہیں، قحط پیدا کرتا ہے، ایسے لوگ کبھی حقیقی مالدار نہیں ہوسکتے، اس لئے برائیوں اور گناہوں کے اثرات آخرت کے علاوہ دنیوی زندگی میں بھی مرتب ہوتے ہیں، چنانچہ طبرانی نے حضرت عبد اللہ بن عباس ؓ کی یہ روایت نقل کیا ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جس قوم میں مال غنیمت کی چوری رائج ہو جائے اللہ تعالیٰ ان کے دلوں میں دشمن کا رعب اور ہیبت ڈال دیتے ہیں اور جس قوم میں ربوٰ یعنی سود خواری کا رواج ہو جائے ان میں موت کی کثرت ہو جاتی ہے اور جو قوم ناپ تول میں کمی کرتی ہے تو اللہ تعالیٰ ان کا رزق قطع کر دیتے ہیں اور جو لوگ حق کے خلاف فیصلے کرتے ہیں ان میں قتل و خون عام ہو جاتا ہے اور جو لوگ معاہدات میں غداری کرتے ہیں اللہ تعالیٰ ان پر ان کے دشمن مسلط کر دیتا ہے۔  (تفسیر مظہری)
حدیث کی کتابوں میں ایسی متعدد روایات ہیں جن میں صاف طور پر آپﷺ نے ناپ تول کی کمی کرنے والے افراد کو فقر و فاقہ، قحط اور بے برکتی سے ڈرایا ہے جس کا تعلق دنیوی زندگی سے ہے، واضح رہے کہ تقریباً تمام حضرات مفسرین نے ناپ تول میں کمی کرنے سے مراد حق تلفی لی ہے یعنی زندگی کے کسی بھی شعبے میں جس کا تعلق بندوں کے حق سے ہو خواہ وہ معاشرت ہو یا معاملات دوسروں کے حقوق ضائع کرنا اور ان کی طرف توجہ نہ دینا اس وعید میں داخل ہے۔  ( تفصیل کے لئے دیکھئے قرطبی : ۱۹؍۱۶۵)
نماز، روزہ، زکوٰۃ، حج اور دیگر عبادات و اذکار میں اگر بشری تقاضے کی بنیاد پر کمی و کوتاہی ہو جائے تو اللہ کی رحمت سے معافی کی امید ہے لیکن بندوں کی حق ضائع کئے جانے کی معافی کی کوئی گنجائش نہیں، قیامت کے دن حق تلفی کرنے والوں کی مقبول نیکیاں لے کر صاحبِ حق کو دی جائیں گی اور اگر اس میں بھی حق تکمیل نہ پائے تو صاحبِ حق کے گناہ ظالم شخص کے نامۂ  اعمال میں ڈال دیئے جائیں گے پھر یہ دونوں گناہوں کی سزا بھگتتا رہے گا، اسی لئے رسول اکرم ﷺ نے تمام مسلمانوں کو ہدایت دی کہ جو شخص کسی مسلمان بھائی کا کوئی حق رکھتا ہو اور وہ حق خواہ غیبت و بُرائی کرنے اور روحانی و جسمانی ایذا رسانی وغیرہ کی صورت میں آبرو ریزی کا ہو یا کسی اور چیز سے متعلق ہو جیسے کوئی مالی مطالبہ و معاملہ یا ناحق خون وغیرہ تو اس کو چاہئے کہ وہ اس حق کو آج ہی کے دن یعنی اسی دنیا میں معاف کرالے اس سے پہلے کہ وہ دن آئے جب نہ تو درہم رکھتا ہو گا اور نہ دینار جو اس کے حق کے بدلہ کے طور پر دے سکے، اگر دنیا میں معاف نہیں کرایا تو ظالم کے اعمال نامہ میں جو کچھ نیکیاں ہوں گی، اس کے ظلم کے برابر نیکیاں لے لی جائیں گی اور مظلوم یا حق دار کو دے دی جائیں گی اور اگر ظالم نیکیاں نہیں رکھتا ہو گا تو اس صورت میں مظلوم یا حق دار کے گناہوں میں سے اس کے حق کے بقدر گناہ لے کر ظالم پر لاد دیئے جائیں گے، ( صحیح بخاری ) 
دوسری حدیث میں ایسے شخص کو مفلس کہا گیا ہے جو مختلف حقوق اپنے ذمہ رکھ کر مر جائے اور انہیں ادا نہ کر سکے، اس لئے کہ اس کے نامۂ  اعمال کی تمام نیکیاں اصحاب حق کی طرف منتقل ہو جائیں گی اور وہ خالی ہاتھ رہ جائے گا، ظاہر ہے کہ قیامت کے دن جس کی ہولناکیوں سے دنیا کی تمام چیزیں پناہ مانگتی ہیں اگر کوئی شخص تنہا و یکا ہو جائے اور اس کے لئے کوئی سہارا نہ ہو تو اس سے بڑا مفلس اور قابل رحم کون ہو سکتا ہے۔  
اس سے یہ بات ثابت ہو گئی کہ کسی کا کوئی حق ضائع نہیں ہو گا بلکہ جو بھی شخص جس شخص کا حق مارے گا اور اس کے ساتھ ظلم کرے گا اس سے اس حق تلفی اور ظلم کا بدلہ حق دار اور مظلوم کو ضرور دلایا جائے گا، جب کہ اللہ کے حقوق تلف کرنے پر معافی اور رحمتِ الٰہی کی امید ہے، ممکن ہے کہ اللہ اپنے حقوق معاف فرما کر اپنے بندوں کے لئے مغفرت کا اعلان کر دے، معلوم ہوا کہ حقوق العباد کا مسئلہ انتہائی اہم اور بہت ہی قابل توجہ ہے، مگر یہ بھی انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اس قدر اس کی اہمیت اور ضرورت کے باوجود لوگوں میں بلکہ خواص میں بھی حقوق العباد کے تعلق سے سستی اور غفلت عام ہوتی جا رہی ہے، بندوں کے حقوق کی رعایت، معاملات کی صحت و درستی یا ایک دوسرے پر عائد ہونے والے حق کو معمولی سمجھ لیا گیا ہے ایک وہ شخص جو نماز پابندی سے ادا کرتا ہے، روزہ وغیرہ کا بھی خیال رکھتا ہے لیکن اس کے معاملات پر نظر کریں تو انتہائی نامناسب اورغیر اسلامی نظر آئیں گے کیا محض حقوق اللہ کی ادائی سے زندگی میں صالحیت اور دل میں تقویٰ پیدا ہو سکتا ہے؟ ہر گز نہیں جب تک حقوق العباد ادا نہ کئے جائیں، بندوں کے ساتھ روا داری، محبت و غمخواری اور ان کے مختلف حقوق کی رعایت نہ کی جائے ایک انسان کبھی بھی بزرگ اور صالح نہیں بن سکتا، ضرورت ہے کہ تقریر و تحریر، مضامین و مقالات اور مختلف لٹریچروں اور کتابچوں کے ذریعے عوام میں بیداری لائی جائے اور ان کو اللہ کے حقوق، ایمان و توحید کے ساتھ ساتھ بندوں کے حقوق سے باخبر کیا جائے ان کی ادائی کی ترغیب دی جائے اور بتایا جائے کہ یہ وہ تریاق ہے جس کے بغیر تم کبھی گناہوں کے جراثیم اور زہر سے نجات نہیں پا سکتے۔ 
٭٭٭





والدین  -- جنت بھی جہنم بھی 


حقوق دو طرح کے ہوتے ہیں، ایک کا تعلق اللہ تعالیٰ سے ہے، اس کو حقوق اللہ کہا جاتا ہے، جیسے نماز، روزہ، زکوٰۃ وغیرہ اور دوسری قسم کے حقوق کا تعلق بندوں سے ہے، جس کو حقوق العباد (بندوں کے حقوق) سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ اللہ کے حقوق بہ نسبت بندوں کے حقوق کے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں کہ یہ بندوں کے معاف کیے بغیر معاف نہیں ہوتے ہیں، جب کہ اللہ تعالیٰ اپنے حقوق کے بارے میں خودمختار ہے، وہ چاہے تو اپنی شانِ رحیمی کے سبب معاف بھی کرسکتا ہے، اسی لیے احادیث میں ایسے افراد کو مفلس قرار دیا گیا ہے جو بہت سے نیک اعمال لے کر قیامت کے دن آئیں گے مگر لوگوں کے حقوق ان کے ذمہ ہوں گے جن کی ادائی کے بعد ان کے پاس کچھ بھی باقی نہیں رہے گا اور یہ جہنم میں ڈال دیئے جائیں گے۔ 
لوگوں کے حقوق کی مختلف صورتیں ہیں، ان کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ کسی کا مال لے کر واپس نہ کیا جائے، ایک صورت یہ ہے کہ کسی کو ناحق ستایا جائے، ایک صورت یہ ہے کہ کسی کا حق جو ذمہ سے وابستہ ہے ادا نہ کیا جائے۔ بندوں کے تمام حقوق میں سب سے زیادہ اور بڑا حق والدین کا ہے۔ اولاد کے ذمے ماں باپ کی خدمت، حسن سلوک، ان کے ساتھ اچھی بات چیت، ان کی ضروریاتِ زندگی کی تکمیل اور راحت رسانی کی کوششیں وغیرہ، یہ ایسے حقوق ہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے اولاد کے ساتھ وابستہ کیا ہے اور ان کے ادا کرنے کی بارہا تاکید کی ہے۔ ایک جگہ ارشاد ِ باری ہے: وَ قَضٰی رَبُّکَ اَلَّا تَعْبُدُوْا اِلَّا اِیَّاہُ وَ بِالْوَالِدَیْنِ اِحْسَانًا۔ (سورہ بنی اسرائیل، آیت ۲۳) ’’اور تمہارے رب کا قطعی حکم ہے کہ صرف اسی کی عبادت اور پرستش کرو اور ماں باپ کے ساتھ اچھے سے اچھا برتاؤ اور ان کی خدمت کرو۔‘‘ اس آیت میں توحید اور عبادتِ خداوندی کے فوری بعد والدین کے ساتھ نیک برتاؤ اور ان کے حقوق کی طرف توجہ دلائی گئی ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ انسانوں کے اعمال میں خدا کی عبادت کے بعد ماں باپ کی خدمت اور راحت رسانی کا درجہ ہے۔ تقریباً یہی مضمون سورہ عنکبوت آیت ۸ اور سورہ لقمان آیت ۱۴ اور ۱۵ میں بیان گیا ہے، جس کی تفسیر کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ ماں باپ کی خدمت اولاد پر ہر حال میں لازم ہے، خواہ وہ برے ہوں یا اچھے، نمازی ہوں یا غیرنمازی یعنی والدین اپنے عمل کے اعتبار سے جیسے بھی ہوں ان کے ساتھ نیک سلوک اور اچھا برتاؤ کیا جائے گا، اولاد کو یہ کہنے کا حق نہیں ہے کہ میرے باپ شرابی ہیں، زناکار ہیں، جھوٹے اور گنہگار ہیں اس لیے ان کی خدمت میرے اوپر لازم نہیں، ماں باپ اپنے گناہ کے خود جواب دہ ہوں گے، محض ان کے گنہگار ہونے کے سبب ان کی خدمت اور حسن سلوک سے اولاد سبکدوش نہیں ہوسکتی، یہاں تک کہ اگر ماں باپ مشرک اور کافر ہوں پھر بھی ان کی خدمت اور اطاعت و فرمانبرداری ضروری ہے، جیسا کہ حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور قریش مکہ کے معاہدے (صلح حدیبیہ) کے زمانہ میں میری ماں جو اپنے مشرکانہ مذہب پر قائم تھی، سفر کر کے مدینے میں میرے پاس آئی تو میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا: یا رسول اللہ! میری ماں میرے پاس آئی ہے اور وہ کچھ خواہشمند ہے، تو کیا میں اس کی خدمت کروں ؟ آپ نے فرمایا: ہاں، اس کی خدمت کرو (اور اس کے ساتھ وہ سلوک کرو جو بیٹی کو ماں کے ساتھ کرنا چاہیے۔) (صحیح بخاری و مسلم) 
شرک اللہ کے نزدیک سب سے بڑا جرم ہے، اس کے باوجود آپؐ نے ماں کے ساتھ بہتر سلو کی ہدایت دی، جو اس بات کی واضح دلیل ہے کہ ماں باپ کی خدمت اور اطاعت اولاد پر لازم ہے، خواہ وہ اپنے طور پر بد عمل ہی کیوں نہ ہوں، البتہ اولاد کو چاہیے کہ خدمت اور اطاعت کرنے کے ساتھ ان کے لیے ہدایت اور راہ ِ راست کی دعا مانگتے رہیں کہ یہ بھی بِر اور احسان میں داخل ہے، تاہم یہاں یہ پہلو واضح رہے کہ گناہ کے کاموں میں والدین کی اطاعت نہیں کی جائے گی۔ اگر کسی کے ماں باپ کافر و مشرک ہوں اور وہ اولاد کو بھی کفر و شرک کے لیے مجبور کریں اور دباؤ ڈالیں تو اولاد پر ضروری ہے کہ ان کی یہ بات نہ مانے، لیکن ان کی خدمت اور ان کے ساتھ حسن سلوک برابر کرتی رہے۔ 
اس سے کسی کو انکار نہیں کہ ہر ماں باپ اپنی اولاد کی پرورش میں اپنی جان تک نچھاور کر دیتے ہیں، ان کی بڑی خواہش اور تمنا ہوتی ہے کہ ان کے بچوں کو کوئی تکلیف اور دقت نہ ہو۔ بچپن میں والدین خود نہیں کھاتے مگر اپنی اولاد کو قیمتی اور طاقتی چیزیں فراہم کرتے ہیں، رات میں بچوں کے رونے اور ان کی تکلیف سے خصوصاً ماں کی نیند اڑ جاتی ہے، علاج اور دوا کے لیے جہاں سے بھی ہوسکے روپئے پیسے کا انتظام کیا جاتا ہے، اولاد کی صحت کی فکر میں اپنی صحت کھو بیٹھتے ہیں، اچھی تعلیم و تربیت، اچھا لباس، اچھا کھانا، اچھا رہن سہن اور ہر بہتر سے بہتر چیزوں کا انتخاب والدین کی اوّلین ترجیح ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے تمام انسانوں کو بچپن میں اپنے ماں باپ کی قربانیوں کو یاد کرنے اور ان کے احسان کا بدلہ ممکن حد تک دینے کا حکم دیا ہے، اِمَّا یَبْلُغَنَّ عِنْدَکَ الْکِبَرَ اَحَدُہُمَا اَوْ کِلَاہُمَا فَلَا تَقُلْ لَّہُمَا اُفٍّ وَّ لَاتَنْہَرْہُمَا وَ قُلْ لَہُمَا قَوْلًا کَرِیْمًا۔ (سورہ بنی اسرائیل آیت: ۲۳) ’’تیرے سامنے اگر ان دونوں میں سے کوئی ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو ان کو ’’اف‘‘ تک نہ کہو اور نہ جھڑکو اور ان دونوں سے ادب سے بات کرو۔‘‘ انسان بچپن میں جس طرح سہارے کا محتاج ہوتا ہے اسی طرح بوڑھے والدین بھی اپنے بڑھاپے کے سبب لاچار اور مجبور ہو جاتے ہیں ۔ ان کے لیے ہمدردی، محبت اور جاں نثاری کا مزاج بنانا چاہیے اور ان کی زندگی بھر کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے، کبھی کبھی بڑھاپے کے سبب مزاج میں تلخی پیدا ہو جاتی ہے، اولاد کا کام ہے ان کے تلخ کلام کو برداشت کرنا اور ہر حال میں ان کے ساتھ بہتر سلوک کرنا، خاص طور پر جب وہ بیمار ہو جائیں اور بیماری بھی طویل جائے تو بسااوقات اولاد کو الجھن محسوس ہونے لگتی ہے، خدمت سے منہ موڑ کر ہمہ وقت اپنے کاموں میں مشغول رہتے ہیں اور کبھی بعض بدنصیب اولاد اپنے بے سہارا، کمزور ماں باپ کی شان میں گالیاں بھی بک دیتے ہیں، نہ ان کے لیے وقت پر کھانے کا انتظام ہے اور نہ ہی بہتر دوا علاج کی تدبیر کی جاتی ہے۔ ایسے افراد کے لیے بڑی ہلاکت ہے، ان کو کم سے کم یہ سوچ کر خدمت کرنی چاہیے کہ میرے بھی اولاد ہیں، اپنے ماں باپ کے ساتھ جیسا میرا سلوک ہو گا ایسا ہی میرے بچے میرے ساتھ سلوک کریں گے۔ 
حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کا بیان ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: برّوا آباء کم یبرّ ابناء کم و عفّوا تعفّ نساء کم۔ یعنی تم اگر اپنے ماں باپ کی خدمت و فرمانبرداری کرو گے تو تمہاری اولاد تمہاری فرمانبردار اور خدمت گذار ہو گی اور تم پاکدامنی کے ساتھ رہو گے تو تمہاری عورتیں پاکدامن رہیں گی۔ (طبرانی) تجربات سے بھی یہ بات ثابت ہے کہ جو جیسا کرتا ہے اس کے ساتھ بھی ویسا ہی معاملہ کیا جاتا ہے، خود کو ماں باپ کی خدمت سے دور رکھ کر ہم خواہش کریں کہ ہمارے بچے ہماری اطاعت و فرمانبرداری کریں تو یہ ناممکن سی بات ہے، اس لیے بڑھاپے کے وقت خاص طور پر والدین کی خدمت ضرور کرنی چاہیے کہ یہی وہ وقت ہے کہ ان کو راضی کر کے ان سے زندگی اور آخرت کے لیے دعا لی جا سکتی ہے۔ اگر ان کی ایک دعا بھی قبول ہو گئی تو انسان کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ 
حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ حضرت! اولاد پر ماں باپ کا کتنا حق ہے؟ آپؐ نے ارشاد فرمایا: وہ تمہاری جنت اور دوزخ ہیں ۔ (ابن ماجہ) بہت جامع الفاظ میں آپؐ نے دونوں کے حقوق بیان فرما دیئے کہ اگر ان کی تفصیلات لکھی جائیں تو کئی ضخیم کتابیں تیار ہوسکتی ہیں ۔ آپؐ کے ارشاد کا مطلب یہ تھا کہ اگر تم اپنے ماں باپ کی فرمانبرداری اور خدمت کرو گے اور ان کو راضی رکھو گے تو جنت پا لو گے اور اس کے برعکس اگر ان کی نافرمانی اور ایذا رسانی کر کے انہیں ناراض کرو گے اور ان کا دل دکھاؤ گے تو پھر تمہارا ٹھکانا جہنم ہو گا، تو گویا تمہارے لیے تمہارے اپنے عمل کے اعتبار سے تمہارے ماں باپ جنت بھی پانے کا ذریعہ ہیں اور جہنم میں جانے کا بھی۔ ایک موقع پر آپؐ نے فرمایا کہ اللہ کی رضامندی والد کی رضامندی میں ہے اور اللہ کی ناراضی والد کی ناراضی میں ہے اور ایک موقع پر فرمایا: اپنی ماں کی خدمت کو لازم پکڑو کہ ان کے قدموں میں تمہاری جنت ہے۔ (مسند ِ احمد، سنن نسائی) 
ماں کی خدمت انسان کے لیے بڑی سعادت ہے، اس کے غیر معمولی اجر و ثواب کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ حضرت اویس قرنی رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانۂ  مبارک میں ہی ایمان قبول کر چکے تھے، یہ یمن کے باشندہ تھے، چاہتے تھے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو اور آپ کی زیارت سے ان کو صحابیت کا مقام مل سکے، کیوں کہ شرفِ صحابیت سے بڑھ کر کوئی نعمت نہیں، مگر جب حضرت اویس قرنی نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے خدمت میں حاضر ہونے کی اجازت چاہی اور کہا یا رسول اللہ! میں آپ کی خدمت میں حاضر ہونا چاہتا ہوں، لیکن میری والدہ بیمار ہیں اور ان کو میری خدمت کی ضرورت ہے، آپؐ نے ان کو آنے سے منع فرما دیا اور فرمایا کہ تم میری زیارت اور ملاقات کے بجائے والدہ کی خدمت کرو۔ انہوں نے آپؐ کے حکم کی اطاعت کی اور والدہ کی خدمت میں لگے رہے، یہاں تک کہ آپؐ کا وصال ہو گیا۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت اویس قرنی کو ماں کی خدمت کا یہ صلہ دیا کہ آپؐ نے حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ سے فرمایا کہ اے عمر! کسی زمانے میں ’’قرن‘‘ یعنی یمن کے علاقے سے ایک آدمی آئے گا، جس کے یہ اوصاف اور یہ حلیہ ہو گا۔ جب یہ آدمی تمہیں مل جائے تو اے عمر! اپنے حق میں ان سے دعا کرانا، اس لیے کہ اللہ تعالیٰ ان کی دعائیں قبول فرمائیں گے، چنانچہ جب بھی یمن سے کوئی قافلہ مدینہ طیبہ آتا تو حضرت عمر فاروق پوچھتے کہ کیا تم لوگوں میں کوئی اویس قرنی نام کا کوئی شخص ہے؟ جب حضرت اویس قرنی والدہ محترمہ کے انتقال کے بعد مدینہ طیبہ تشریف لائے اور حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کو اطلاع ملی تو بہت خوش ہوئے، ان سے ملاقات کر کے دعا کی خواہش کی، حضرت اویس قرنی نے سوال کیا کہ آپ اتنے بڑے جلیل القدر صحابی ہو کر مجھ سے دعا کی درخواست کیوں کر رہے ہیں ؟ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے یہ وصیت فرمائی تھی کہ جب قرن سے اویس نام کا ایک شخص تمہارے پاس آئے تو تم ان سے دعا کرانا، اس لیے کہ اس کی دعا عند اللہ مقبول ہو گی۔ یہ سن کر حضرت اویس قرنی رو پڑے کہ یہ دولت مجھے اپنی والدہ کی خدمت کے صلے میں ملی۔ کاش! میری والدہ اور زندہ رہتیں تو مجھے ان کی خدمت کا اور موقع ملتا۔ (مشکوٰۃ: ۵۸۲) 
ماں باپ کی خدمت اتنا بڑا کار ِ ثواب ہے کہ بعض صحابۂ  کرام رضی اللہ عنہم کو جہاد جیسے افضل ترین عمل کے بجائے آپؐ نے والدین کی خدمت کا حکم دیا، اسی لیے حضرات فقہاء نے لکھا ہے کہ جب ماں باپ خدمت کے محتاج ہوں تو ان کی خدمت دیگر عبادتوں سے مقدم ہو جاتی ہے، لہٰذا اگر مسجد دور ہو اور ماں باپ کشمکش کی زندگی سے دوچار ہوں تو چاہیے کہ گھر میں ہی نماز ادا کر لے، والدین کی خدمت کے صلے میں اس کو مسجد جانے کا ثواب حاصل ہو جائے گا۔ 
ماں باپ کی خدمت جس قدر اجر ِ عظیم کا موجب ہے ان کی نافرمانی بھی اسی قدر گناہ اور ہلاکت کا سبب ہے۔ ایک موقع پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے گناہ ِ کبیرہ کے بارے میں سوال کیا گیا تو فرمایا کہ خدا کے ساتھ شریک کرنا، ماں باپ کی نافرمانی و ایذارسانی، کسی بندے کو ناحق قتل کرنا اور جھوٹی گواہی دینا۔ (صحیح بخاری) شرک کے بعد والدین کی نافرمانی کا تذکرہ کیا گیا ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ والدین کی نافرمانی اور ان کی ایذارسانی کا گناہ دیگر گناہوں سے بڑھا ہوا ہے۔ آپؐ نے فرمایا بدنصیب ہے وہ شخص جو ماں باپ کو یا دونوں میں سے کسی ایک کو بڑھاپے کی حالت میں پائے پھر ان کی خدمت اور ان کا دل خوش کر کے جنت حاصل نہ کرے۔ (صحیح مسلم بحوالہ مشکوٰۃ: ۴۱۸) 
ماں باپ دونوں اولاد کے لیے قابل احترام ہیں اور دونوں کی خدمت لازم ہے، مگر ماں کا حق باپ سے تین گنا زیادہ ہے، اس لیے کہ ماں حمل کا بوجھ اٹھاتی ہے، ولادت کی تکلیف و مشقت اور دودھ پلانے کی محنت برداشت کرتی ہے، ان کو اولاد کی پرورش میں زیادہ دشواری ہوتی ہے، اس لیے ان کا حق زیادہ رکھا گیا ہے، چنانچہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ ایک شخص نے کہا یا رسول اللہ! مجھ پر خدمت اور حسن سلوک کا سب سے زیادہ حق کس کا ہے؟ آپؐ نے ارشاد فرمایا کہ تمہاری ماں کا، تین بار آپؐ نے ماں کا تذکرہ کیا، چوتھی مرتبہ فرمایا ثم اباک یعنی تمہارے باپ کا حق تمہارے اوپر لازم ہے۔ (صحیح بخاری و مسلم) حضرات اہل علم نے لکھا ہے کہ دو چیزیں الگ الک ہیں، ایک ہے تعظیم اور دوسری ہے خدمت، تعظیم اور اکرام باپ کا زیادہ کیا جائے گا، اس میں باپ کا حق مقدم ہے، البتہ خدمت گذاری، ہدیہ کے لین دین اور مالی امداد میں ماں کو فوقیت دی جائے گی۔ (دیکھئے مظاہر حق جدید: ۵/۵۰۰) 
ماں باپ کا سایہ عظیم نعمت ہے۔ انہیں محبت کی نظر سے دیکھنا بھی عبادت اور کار ِ ثواب ہے۔ ان کی خدمت دنیا و آخرت دونوں جگہ فلاح اور کامیابی کا ذریعہ ہے اور ان کو ناراض کرنا، جھڑکنا، برا بھلا کہنا نہ صرف آخرت بلکہ دنیوی زندگی کے لیے بھی باعث ِ ہلاکت ہے۔ احادیث ِ مبارکہ میں کثرت سے والدین کی خدمت کے فضائل اور ان کا مقام و مرتبہ بیان کیا گیا ہے، مگر آج کے معاشرہ اور سماج کو دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ ایک انسان اپنی بیوی اور اپنے بال بچوں کے لیے راحت کے سارے سامان فراہم کرتا ہے، ان کو ایک لمحہ کے لیے پریشان دیکھنا نہیں چاہتا، مگر ماں باپ کو آرام پہنچانے اور ان کے ساتھ حسن سلوک کی کوئی فکر نہیں کی جاتی۔ یورپی ممالک میں Oldage Home (بوڑھے لوگوں کا گھر) کے نام سے ایک عمارت ہوتی ہے، نوجوان اولاد اپنے ماں باپ سے چھٹکارا پانے کے لیے اسی بلڈنگ میں داخل کرا دیتے ہیں، جہاں وہ امید و بیم کی زندگی سے دوچار رہتے ہیں، ان کی نگاہیں اپنی اولاد کو دیکھنے کے لیے ترستی رہتی ہیں، مگر بیٹے اور بیٹیوں کو جا کر ملاقات تک کی فرصت نہیں ہوتی۔ اسلام نے اس کو یکسر پسند نہیں کیا، بلکہ اپنے ہاتھ سے خود خدمت کرنے اور ان کے پاس وقت گذارنے کی ہدایت دی۔ ہندوستان میں بھی والدین کے ساتھ ایسی بدتمیزی بڑھتی جا رہی ہے، جس کے سننے سے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں ۔ 
برصغیر کے مشہور عالم ِ دین مولانا محمد تقی عثمانی نے بیٹا اور باپ کے درمیان پائے جانے والے فرق کو ایک سبق آموز واقعہ سے سمجھایا ہے، جو واقعتاً پڑھنے کے قابل ہے۔ کہتے ہیں کہ ’’ایک صاحب بوڑھے ہو گئے، انہوں نے بیٹے کو اعلیٰ تعلیم دلا کر فاضل بنایا، ایک دن گھر کے صحن میں باپ بیٹھے ہوئے تھے، اتنے میں ایک کوا گھر کی دیوار پر آ کر بیٹھ گیا تو باپ نے بیٹے سے پوچھا کہ بیٹا یہ کیا چیز ہے؟ بیٹے نے کہا ابا جان! یہ کوا ہے۔ تھوڑی دیر کے بعد پھر باپ نے پوچھا بیٹا! یہ کیا چیز ہے؟ اس نے کہا ابا جان! یہ کوا ہے، پھر جب تھوڑی دیر گذر گئی تو باپ نے پوچھا بیٹے! یہ کیا ہے؟ بیٹے نے کہا ابا جان! ابھی تو آپ کو بتایا تھا کہ یہ کوا ہے، تھوڑی دیر گذرنے کے بعد پھر باپ نے پوچھا کہ بیٹا یہ کیا ہے؟ اب بیٹے کے لہو جے میں تبدیلی آگئی اور اس نے جھڑک کر کہا ابا جان! کوا ہے کوا، پھر تھوڑی دیر کے بعد باپ نے پوچھا کہ بیٹا! یہ کیا ہے؟ اب بیٹے سے نہ رہا گیا، اس نے کہا کہ آپ ہر وقت ایک ہی بات پوچھتے رہتے ہیں، ہزار مرتبہ کہہ دیا کہ یہ کوا ہے، آپ کی سمجھ میں نہیں آتی۔ بہرحال اس طرح بیٹے نے باپ کو ڈانٹنا شروع کر دیا۔ تھوڑی دیر کے بعد باپ اپنے کمرے میں اٹھ کر گیا اور ایک پرانی ڈائری نکال کر لایا اور اس ڈائری کا ایک صفحہ کھول کر بیٹے کو دکھاتے ہوئے کہا کہ بیٹا! یہ ذرا پڑھنا، کیا لکھا ہے؟ چنانچہ اس نے پڑھا تو اس میں یہ لکھا تھا کہ آج میرا چھوٹا بیٹا صحن میں بیٹھا ہوا تھا اور میں بھی بیٹھا ہوا تھا، اتنے میں ایک کوا آ گیا، تو بیٹے نے مجھ سے ۲۵ مرتبہ پوچھا کہ ابا جان! یہ کیا ہے تو میں نے ۲۵ مرتبہ اس کو جواب دیا کہ بیٹا! یہ کوا ہے اور اس ادا پر بڑا پیار آیا۔ اس کے پڑھنے کے بعد باپ نے کہا بیٹا! دیکھو باپ اور بیٹے میں یہ فرق ہے، جب تم بچے تھے تو تم نے مجھ سے ۲۵ مرتبہ پوچھا اور میں نے ۲۵ مرتبہ بالکل اطمینان سے نہ صرف جواب دیا بلکہ میں نے اس بات کا اظہار کیا کہ مجھے اس کی ادا پر بڑا پیار آیا، آج میں نے تم سے صرف ۵ مرتبہ پوچھا تو تمہیں اتنا غصہ آ گیا۔‘‘ (اصلاحی خطبات: ۴/۶۵-۶۶) 
ایک انسان کو اگر بچپن میں کی ہوئی والدین کی محبت یاد رہے تو شاید کبھی ماں باپ سے دل میں نفرت پیدا نہ ہو، مگر اولاد اور بیوی کی محبت میں لوگ اس طرح محو ہو جاتے ہیں کہ والدین کا سارا مقام انسان کھو بیٹھتا ہے۔ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہوں نے والدین کی خدمت کرتے ہوئے اپنی زندگی گذاری اور ماں باپ کا انتقال اس حال میں ہوا کہ وہ ان سے راضی تھے۔ جن کے والدین با حیات ہیں ان کے لیے موقع ہے کہ وہ ان کی خدمت کر کے ان کو خوش کر لیں اور جن کے والدین دنیا سے رخصت ہو گئے ان کو چاہیے کہ اپنے ماں باپ کے لیے دعاؤں اور ایصالِ ثواب کا اہتمام کریں، ممکن ہے کہ اس سے ان کی روح کو راحت ملے اور ان کی نافرمانی کے گناہ معاف ہو جائیں ۔ 
٭٭٭



اولاد کے ساتھ نیک برتاؤ کیجیے!

اپنے حقوق کا دنیا میں ہر انسان کو خیال رہتا ہے مگر غیروں کے … ؟ دنیا کے تمام طبقات بلکہ معاشرہ کے ہر فرد کا مشترکہ جواب یہ ہے کہ غیروں کا کیا غم اور دوسروں کی کیا فکر، قدرت نے انسانوں کو مال کا حریص بنایا ہے اس کی چھاپ آپ کو ہر جگہ ملے گی غالباً یہی جذبہ اپنی ذات سے وابستہ فرائض کی عدم توجہی میں کار فرما ہوتا ہے، بڑے بڑے خدا ترس، صاحب ِ نسبت بزرگ اور بڑے بڑے متقیوں کا تقویٰ و طہارت یہاں آ کر دم توڑ دیتی ہے۔ دینی، سماجی، معاشی، معاشرتی ہر موڑ پر آپ کو یہی جھلک محسوس ہو گی، حقوق انسانیت کی پامالی کا ایک عام رواج ہے اور پھر یہیں سے ظلم و زیادتی، عداوت و دشمنی کا چشمہ پھوٹ پڑتا ہے، اللہ تعالی نے ایسے لوگوں کے بارے میں بڑی سخت وعید نازل فرمائی، ارشاد خداوندی ہے ’’ ہلاکت ہے گھٹانے والوں کے لیے کہ جب دوسروں سے لیتے ہیں تو ناپ تول کر لیتے ہیں تو پورا وصول کرتے ہیں اور جب دوسروں کو دیتے ہیں توکیل یا وزن کر کے اور گھٹا کر دیتے ہیں، کیا یہ نہیں سوچتے کہ کل قیامت میں ان تمام چیزوں کا حساب دینا ہو گا ‘‘ (مطفّفین/۵) علامہ قرطبی ؒ اس آیت کی تفسیر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ آیت کا حاصل یہ ہے کہ دوسروں سے اپنا حق وصول کرتے ہیں تو زیادہ لیتے ہیں اور جب دوسروں کو دیتے ہیں تو کم دیتے ہیں، اپنے لیے جو چیز پسند کرتے ہیں وہ غیروں کے لیے پسند نہیں کرتے (قرطبی: ۱۹/۱۶۵) 
بد قسمتی سے ہمارے معاشرے میں یہی تبدیلی پائی جاتی ہے، دیگر تمام شعبہائے انسانیت کے ساتھ اولاد کے تعلق سے یہ تغیر اور یہ جذبہ نمایاں طور پر اثر انداز ہے، تمام والدین نے پہاڑہ رٹ لیا ہے کہ بچوں پر ان کے حقوق ہیں بالخصوص حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد کہ ’’ تم اور تمہارا مال باپ کے لیے ہے۔ ‘‘ تمام والدین کے لیے یہ ایک بہترین سند ہے، ماں باپ سمجھتے ہیں کہ بیٹے کی ساری کمائی والدین کی ہے، وہ ہمارا اپنا حق ہے جس کی ادائیگی بیٹے پر ضروری ہے اور یہی تصور بعض دفعہ اولاد کی ناراضگی کا سبب بن جاتا ہے بلکہ بسا اوقات ترک کلام کی نوبت پہنچ جاتی ہے، لیکن شریعت نے ان والدین پر کیا کیا حقوق عائد کیے ہیں اس کا دھندلا سا تصور بھی نہیں آتا یا جان بوجھ کر ان سے پہلو تہی کی جاتی ہے، کہاوت مشہور ہے کہ ’’ روٹی دونوں ہاتھ سے بنتی ہے ‘‘ والدین بچپن سے اخیر عمر تک اولاد کے سارے حقوق ادا کریں اور بچہ منہ پر طمانچہ مارے ایسا نہیں ہوسکتا ہے، ضرور کہیں نہ کہیں خامی ہے، تعلیم میں، تربیت میں، محبت میں، شفقت میں، بے جا اصرار یا یکطرفہ کوئی فیصلہ کرنے میں، یا اس طرح کی برقی حرارت کو سلب کر لینے والی کوئی چیز وہاں موجود ہے جس بنیاد پر اولاد کے دل و دماغ سے والدین کی محبت چھن گئی ہے اور محبت کے بجائے نفرت کی بیج پائی جاتی ہے، میرے کہنے کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ اب نافرمان اولاد سے دنیا پاک ہو چکی ہے، بلاشبہ اولاد بعض نافرمان ہوتے ہیں مگر اکثریت پر اگر غور کیا جائے تو اولاد کے نافرمان ہونے میں والدین کا بڑا دخل ہوتا ہے جس کی طرف عموماً والدین کا خیال نہیں جاتا اور جائے بھی کیسے، رگ و ریشہ کے خون کی طرح ماں باپ کے ذہنوں میں یہ بات پیوست رہتی ہے کہ صرف میرے حقوق ہیں اور اولاد کے حقوق … یاد نہیں !۔ ۔۔ یاد رکھنی چاہیے کہ دنیا میں پائے جانے والے تمام تعلقات طرفین کے پاس و لحاظ پر مبنی ہوتے ہیں اور شریعت نے ہر ایک کی حد بندی کر دی ہے، جس طرح میاں بیوی، بھائی بہن، استاذ شاگرد، پیری مریدی اور اس طرح کے تمام رشتے ایک دوسرے پر حقوق عائد کرتے ہیں اسی طرح ماں باپ اور بچوں کے درمیان بھی ہر ایک کے دوسرے پر حقوق ہیں، بچوں سے حقوق کی ادائیگی کی امید اسی وقت کی جا سکتی ہے جب کہ سب سے پہلے بچوں کے حقوق کی ادائیگی کا لحاظ رکھا گیا ہو مثلاً : 
ولادت کے بعد صحیح تعلیم و تربیت: اولاد کا ماں باپ پر حق ہے کہ اپنی وسعت کے مطابق ان کی اعلی تعلیم و تربیت کا انتظام کریں، معصوم ذہنوں پر جو چھاپ پڑ جاتی ہے وہ کبھی ختم نہیں ہوتی لیکن عموماً والدین اس تعلق سے تساہل اور کوتاہی کے شکار رہتے ہیں، بعض اتنی فکر ضرور کرتے ہیں کہ گاؤں کے کسی مولوی کے پاس بچوں کو پڑھنے کے لیے بھیج دیتے ہیں لیکن اس کے بعد انہیں فرصت نہیں کہ ان کی تعلیم و تربیت کا جائزہ لے، اور جب مکتب سے پاس کر گئے تو کسی عربی مدرسہ میں داخلہ کرانے کے بعد ہمیشہ کے لیے مطمئن ہو جاتے ہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہیں پیدا کرنے کے علاوہ کسی اور چیز سے دلچسپی نہیں، ظاہر ہے ایسی لاپرواہی کے اثرات اولاد کے مستقبل میں غلط مرتب ہوں گے جس کا خمیازہ والدین کو بعد میں بھگتا پڑتا ہے اسی طرح اگر تعلیم کا انتظام کیا گیا تو تربیت پر توجہ نہیں ہوتی لڑکا ہو یا لڑکی لمبی رات تک گھر سے باہر رہنے کی پرواہ ہے نہ ان کی غلط صحبتوں کی فکر، بچپن سے کنٹرول کا خیال نہیں کیا جاتا ہے تو بعد میں عدم کنٹرول کے شکوہ سے کیا فائدہ وہ لازمی نتیجہ ہے، جو ہر حال میں مرتب ہو گا، بعض والدین ایسے بھی ہوتے ہیں کہ بچہ کے ہوش سنبھالنے کے بعد حصول دنیا کا ذریعہ اسے بنا لیتے ہیں، ہوٹلوں، دکانوں، کارخانوں میں کسی معمولی کام پر لگا کر متعینہ روپے وصول کرتے ہیں بلکہ بسا اوقات بچوں کو پتے، کاغذ، پلاسٹک چننے پر اور بعض کو بھیک مانگنے پر مجبور کرتے ہیں، وہ بچہ جو اپنے اندر فقیہ، محدث، مفسر، انجینئر، ایڈوکیٹ اور بہترین اعلی تعلیم حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا، یکلخت ساری صلاحیتیں مٹ جاتی ہیں جو یقیناً ان کے والدین اور پوری امت مسلمہ کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ 
اولاد کی صحیح پرورش و پرداخت : اسی طرح اپنی اولاد کی صحیح پرورش بھی ضروری ہے، نہ تو ان کی تمام خواہشات کی تکمیل کی جائے اور نہ ہی بقدر ضرورت خرچ کرنے سے نظر بچانی چاہیے بلکہ اعتدال اور میانہ روی کو ملحوظ رکھتے ہوئے اولاد کی ضروری ضرورتوں کی تکمیل والدین کی ذمہ داری ہے، ورنہ بچہ مجبور ہو کر بدمعاشی، لوٹ کھسوٹ، ظلم و زیادتی اور دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلانے پر مجبور ہو جائے گا، اور پھر یہیں سے جرائم کا آغاز ہو جاتا ہے جو بعد میں والدین کی بدنامی اور مستقل درد سرکا سبب بنتا ہے، یہی وجہ ہے کہ نبیِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک موقعہ پر حضرت ثوبان ؓ سے ارشاد فرمایا کہ ’’ وہ دینار جو تم اپنے اہل و عیال پر خرچ کرو، مسکین کو دینے اور فی سبیل اللہ خرچ کرنے سے زیادہ بہتر ہے ‘‘ ایک حدیث میں یہ بھی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ’’ جب تم صدقہ کرنا چاہو تو سب سے پہلے اپنے اہل و عیال یا ان لوگوں سے شروع کرو جن کا نان نفقہ تمہارے ذمہ لازم ہے ‘‘ ( مشکوٰۃ :۱۷۰ ) اگرچہ یہاں صدقہ سے مراد صدقہ نافلہ ہے لیکن حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی اس قدر تاکید تمام حساس والدین کے ذہن و دماغ کو جھنجھوڑ نے کے لیے کافی ہے کہ اس کے بعد ٹال مٹول کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہتی۔  
محبت میں کمی زیادتی :ایک محبت تو قلبی ہوتی ہے جس میں انسان کا امتیاز نہیں ہوتا، یہ قابل مؤاخذہ ہے نہ قابل ملامت، لیکن بعض والدین اپنے بچوں میں سے بعض کو جان بوجھ کر فضیلت دیتے ہیں، ہدیہ تحائف، روپے پیسے، خوشی غمی یا اس طرح کے دیگر تمام مواقع پر کسی ایک کو خاص کر لیا جاتا ہے گویا وہی مطمح نظر بھی ہے اور منظور نظر بھی ہے، یہ کیفیت دیگر اولاد کے ذہنوں سے رفتہ رفتہ والدین کی محبت کو ختم کر ڈالتی ہے اور نفرت و عداوت شروع ہو جاتی ہے جنہیں والدین نافرمان اولاد کے نام سے یاد کرتے ہیں حالانکہ یہ ان کی ہی کرشمہ سازی اور خود ساختہ فعل ہے جس کا اب کوئی علاج نہیں ہے، مسلم شریف کی حدیث ہے روایت کرنے والے حضرت نعمان بن بشیرؓ ہیں، فرماتے ہیں کہ ’’میرے باپ نے خاص طور پر مجھے کچھ جائداد عطا کی، میری ماں عمرہ بنت رواحہ نے کہا کہ میں اس پر راضی نہیں ہوں گی جب تک حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو اس پر گواہ نہ بنا دیں ‘‘ مجھے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لے گئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ’’کیا اس طرح عطائیں تمام اولاد کے ساتھ کی ہیں‘‘ جواب دیا نہیں ! آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا، ’’ اللہ سے ڈرو اور اپنی تمام اولاد میں عدل و انصاف قائم کرو ‘‘ ایک روایت میں ہے کہ ’’ یہ دوسرے بچوں پر ظلم ہے اور مجھے ظلم پر گواہ مت بناؤ ‘‘ ( مسلم: ۲/۳۷ ) امام نوویؒ کے بقول حضرت طاؤس عروہ، مجاہد، سفیان ثوری، امام احمد اور امام اسحٰق کا مذہب یہ ہے کہ اولاد کے درمیان اس طرح کی ناانصافی حرام ہے۔  ( مسلم: ۲/۳۷ ) 
شادی میں احتیاط : عموماً سن بلوغ تک پہنچنے کے بعد انسانی فطرت کے پس منظر میں اولاد کو شادی کی ضرورت محسوس ہوتی ہے لیکن حیا اس کے اظہار میں رکاوٹ بنتی ہے، ماں باپ کو ایسے وقت فوری طور پر شادی کا بندو بست کرنا چاہیے تاکہ غیروں کی طرف نگاہ نہ اٹھے اور گناہوں سے محفوظ رہ سکیں، احادیث میں بھی اس کی بڑی تاکید آئی ہے مگر بعض ماں باپ صرف اس لیے شادی نہیں کراتے کہ بیٹے سے آنے والی آمدنی رک جائے گی یا اس میں کچھ کمی آ جائے گی، یہ تو ظاہر ہے کہ شادی کے بعد ضروریات میں غیر معمولی اضافہ ہوتا ہے، اپنی ضرورت کے ساتھ بیوی کی خواہشات کا لحاظ رکھا جاتا ہے جس کی وجہ سے آمدنی منقسم ہو جاتی ہے لیکن کیا صرف اس کی وجہ سے شادی میں تاخیر کی شرعاً کوئی گنجائش ہے ؟ اس کے بعد نتیجہ بھی برعکس ہوتا ہے، جنسی خواہشات کی تکمیل کے لیے یا تو غلط راہ پر چل پڑتا ہے یا از خود (کورٹ میرج) کی نوبت آ جاتی ہے اور پھر وہیں سے ماں باپ سے علیحدہ ہو کر الگ زندگی گذارنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، اگر اولاد کے تمام حقوق کا خیال رکھا جائے تو کافی حد تک اولاد کی نافرمانی پر قابو پانے کی امید کی جا سکتی ہے بلکہ اگر تجربات و مشاہدات کے بل بوتے پر کچھ کہنے کی اجازت دی جائے تو بالیقین یہ کہا جا سکتا ہے کہ ایسے بچے والدین کی عزت و توقیر ہی نہیں بلکہ والدین کی محبت ان کے رگ و ریشہ میں سما جاتی ہے، ورنہ اولاد کے حقوق ادا کیے بغیر پھر اولاد سے یہ امید ہی کیوں ؟
٭٭٭


میاں بیوی  -- آپس میں کیسے رہیں ؟ 

عام طور پر میاں بیوی کا تعلق دو اجنبی خاندانوں سے ہوتا ہے، مگر نکاح کے بعد دونوں ایک دوسرے کے اس طرح رفیق بن جاتے ہیں کہ موت سے پہلے جدائی کا تصور نہیں رہتا، رفاقت اور تعلقات تو دنیا میں بہت پائے جاتے ہیں مگر ازدواجی زندگی کی رفاقت اور محبت بے مثال ہوتی ہے، میاں بیوی میں سے ہر فرد ایک دوسرے کے لیے اپنی جان نچھاور کر دیتا ہے۔ خوشی اور غم، راحت اور مشقت یعنی زندگی کے ہر موڑ پر دونوں شریک رہتے ہیں ۔ یہ ایک خاص نوعیت کا تعلق ہے، جس سے عظیم منافع اور مصالح وابستہ ہوتے ہیں، اس لیے اسلام نے شوہر اور بیوی کے درمیان پائی جانے والی رفاقت کو بڑی اہمیت دی ہے، دونوں کے لیے الگ الک اصول اور ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ جب تک دونوں اپنے فرائض خوش دلی سے پورا کرتے رہیں گے ازدواجی زندگی خوشگوار گذرے گی اور کبھی آپس میں رنج کا ماحول پیدا نہیں ہو گا۔ 
اس سے تو تقریباً سب کا اتفاق ہے کہ شادی اور نکاح کا جہاں ایک غرض پاکیزہ زندگی کا حصول ہے وہیں اس کا اہم مقصد زندگی کو خوشگوار اور پُر لطف بنانا ہے، زندگی کی بعض مسرتیں اور راحتیں ایسی ہوتی ہیں جو ازدواجی بندھن سے جُڑے بغیر حاصل نہیں ہوتیں، اس لیے تنہائی کے عذاب سے بچتے ہوئے ایک بہتر اور با مقصد زندگی کے لیے میاں بیوی عقد کرتے ہیں، جس سے مسرت و شادمانی کا ماحول قائم ہوتا ہے اور پُر لطف فضا کی تعمیر ہوتی ہے۔ یہ خوشی اس وقت باقی رہتی ہے جب کہ دونوں اس کی فکر کریں، آپس میں پیار و محبت کی بقاء کے لیے دونوں کی کوشش ہونی چاہیے، دونوں ایک دوسرے کے حقوق اور جذبات کا احترام کریں، صرف شوہر یا صرف بیوی کے چاہنے سے زندگی پُر لطف نہیں ہوتی جب تک باہمی کوشش اور جدوجہد نہ کی جائے، شوہر کا کام ہے کہ گھر سے باہر کے تمام امور بحسن و خوبی انجام دے، بہتر معاش تلاش کرے اور اپنی محنت سے بیوی اور بچوں کو راحت اور آرام پہنچانے کی فکر کرے، بیوی میں اگر کوئی عیب ہو تو اسے نظر انداز کر دے، کسی بات پر غصہ آئے تو معاف کر دینا چاہیے، اپنی بیوی کی خرابی یا کسی عیب کا دوسروں کے سامنے ہرگز اظہار نہیں کرنا چاہیے اور یہ جاننا چاہیے کہ دنیا میں کوئی بھی انسان بے عیب نہیں ہے، ہر ایک میں کچھ اچھے اوصاف بھی ہوتے ہیں اور کچھ برے بھی، اسی طرح بیوی کے رشتہ داروں کے ساتھ حسن سلوک کا معاملہ کرنا چاہیے، اس لیے کہ جس طرح مردوں کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے رشتہ داروں کے ساتھ ان کی بیوی اچھا معاملہ کرے اسی طرح عورتوں کے لیے بھی ان کے رشتہ دار قابل احترام ہیں ۔ بیوی کے ماں باپ، بھائی بہن اور دیگر رشتہ داروں کے ساتھ بہتر بات چیت، اچھے اخلاق اور حسن سلوک کرنے سے بیوی کو خوشی ہو گی، شوہر کے تئیں اس کے دل میں محبت پیدا ہو گی اور تعلقات مستحکم ہوں گے۔ 
بیوی کو بھی چاہیے کہ شوہر کی اطاعت و فرمانبرداری کرے، اس کی دولت، مال و جائداد اور ساری ملکیت کی حفاظت کرے۔ اسے سوچنا چاہیے کہ شوہر کس طرح مال و دولت جمع کرنے میں اپنا پسینہ بہا رہا ہے، یہ ساری محنت تو بیوی بچوں کو آرام پہنچانے کے لیے ہی کر رہا ہے۔ اگر بیوی نے مال کی حفاظت نہیں کی تو گھر میں کبھی برکت نہیں ہو گی اور نہ ہی آرام میسر ہو گا۔ امور ِ خانہ داری سے متعلق تمام امور کا ذمہ دار عورتوں کو بنایا گیا ہے۔ بچوں کی ابتدائی اخلاقی تربیت بھی ان ہی کے ذمہ میں ہے۔ بیوی کا کردار اور انداز اس طرح ہو کہ شوہر دیکھ کر خوش ہو جائے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک مرتبہ پوچھا گیا کہ کون سی بیوی بہتر ہے؟ آپؐ نے فرمایا: شوہر جب اس کو دیکھے تو وہ اسے خوش کر دے، جب وہ اسے حکم دے تو اس کی اطاعت کرے، اس کے مال اور اپنی عصمت کے معاملہ میں وہ ایسا رویہ اختیار نہ کرے جو شوہر کو ناگوار ہو۔ (نسائی، کتاب النکاح) 
یہ حقیقت ہے کہ کسی بات پر جب میاں بیوی میں رنجش ہو جائے اور یہ سلسلہ تا دیر باقی رہے تو زندگی کا سکون ختم ہو جاتا ہے اور دونوں کا مستقبل بد سے بدتر ہو جاتا ہے، ایسے وقت راحت و آرام کے ہزار سامان بھی خرید لیے جائیں گھر میں خوشی کا ماحول پیدا نہیں ہو گا، وہ گھر جہنم کدہ تو بن سکتا ہے کبھی جنت کا نشان نہیں بن سکتا، ساتھ ہی میاں بیوی کے آپس کے جھگڑوں اور رنجشوں کے برے اثرات بچوں پر مرتب ہوتے ہیں، ان کا ذہن ویسے ہی پروان چڑھتا ہے اور ان کی زندگی بھی ویران ہو جاتی ہے۔ ایسے ماں باپ کی عظمت کبھی دلوں میں پیدا نہیں ہوتی، ہر طرف نفرت کا ایک ماحول ہوتا ہے، اس لیے زوجین کو ہمیشہ آپس میں پیار و محبت کی زندگی گذارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اگر کبھی رنجش ہو جائے تو اسے جتنا جلد ہوسکے دور کرنے کی فکر کی جائے۔ 
عام طور پر میاں بیوی میں تلخی اس وقت پیدا ہوتی ہے جب ایک دوسرے کے مزاج کی رعایت نہیں کرتا، مزاج شناسی اور موقع شناسی سے بہت سے مسائل حل ہو جاتے ہیں ۔ جہاں تک ہوسکے شوہر بیوی کی عادات و اطوار اور مزاج کی رعایت کرے اور بیوی اپنے شوہر کے مزاج کو پہچان کر کام انجام دے، اسی طرح ہر ایک کے حدود متعین ہیں، عورت امور ِ خانہ داری اور بچوں کی تربیت و حفاظت کی ذمہ دار ہے تو مرد ان کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے کسب ِ معاش کا ذمہ دار ہے، عورت کے ذمہ مرد کی خدمت و اطاعت ہے تو مرد کے ذمہ اس کا مہر اور نفقہ یعنی تمام ضروری اخراجات کا انتظام ہے۔ یہ تقسیم تخلیقی حکمت پر مبنی اور قدرت کی جانب سے ہے۔ ان ہی حدود میں رہتے ہوئے اگر زندگی گذاری جائے تو محبت میں شکن نہیں آئے گی، لیکن جب دونوں ایک دوسرے کے کام میں دخل اندازی کرنے لگتے ہیں تو اختلاف پیدا ہوتا ہے۔ ہاں ! مشورہ الگ چیز ہے، اس سے منع نہیں بلکہ میاں بیوی کو آپسی مشورے سے ہی کوئی کام کرنا چاہیے مگر دخل اندازی بہتر نہیں ہے اور یہ اس وقت ہو گا جب کہ ایک دوسرے کے رفیق بن کر زندگی گذاری جائے، ہر ایک کے دل میں دوسرے کے تئیں محبت اور احترام ہو، آپس میں حاکمانہ رویہ اختیار نہ کیا جائے، کبھی شوہر سوچنے لگے کہ میں مرد ہوں، حاکم ہوں، مختار ہوں، آزاد ہوں، علم والا ہوں، دولت مند ہوں، سرمایہ دار ہوں، صاحب ِ حیثیت اور محترم ہوں، ہزار خوبیاں میرے اندر ہیں، میری بیوی کو چاہیے کہ وہ ہمیشہ محتاج اور نوکرانی بن کر زندگی گذارے، میری اجازت کے بغیر کوئی حرکت نہ ہو، اسی طرح بیوی اپنے حسن و جمال، علم، اپنے ماں باپ کی دولت اور میکے کے اسباب و وسائل پر ناز کرنے لگے اور شوہر کا کوئی مقام و رتبہ دل میں نہ ہو، خدمت و اطاعت کو اپنی ذلت کا باعث سمجھے تو ایسے میاں بیوی میں اختلاف کا پیدا ہونا یقینی ہے اور جب تک دل سے یہ سب شیطانی وسوسے نہیں نکلیں گے اختلاف میں شدت ہوتی جائے گی اور اتحاد کا ماحول کبھی قائم نہیں ہو گا۔ وہ میاں بیوی کتنے خوش نصیب ہیں جن کی زندگی بھر ایک دوسرے سے الفت و محبت قائم رہے اور موت آئے تو دونوں کے درمیان پیار کا ماحول ہو اور دونوں خوشگوار زندگی گذارتے ہوئے دنیا سے رخصت ہو جائیں ۔ 
سورہ نساء آیت ۳۴ میں اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا: اَلرِّجَالُ قَوَّامُوْنَ عَلَی النِّسَاءِ بِمَا فَضَّلَ اللّٰہُ بَعْضَہُمْ عَلٰی بَعْضٍ وَّ بِمَا اَنْفَقُوْا مِنْ اَمْوَالِہِمْ۔’’مرد حاکم ہیں عورتوں پر اس وجہ سے کہ اللہ تعالیٰ نے بعضوں کو (یعنی مردوں کو) بعضوں پر (عورتوں پر) قدرتی فضیلت دی اور اس وجہ سے کہ مردوں نے عورتوں پر اپنے مال میں سے (مہر اور نان نفقہ) کے لیے خرچ کیے ہیں ۔‘‘ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے مردوں کو سربراہ اور گھر کا عمومی ذمہ دار قرار دیا ہے، جو عین مقتضائے حکمت ہے، کوئی بھی نظام بغیر امیر اور ذمہ دار کے نہیں چلا کرتا، اس لیے گھر کے انتظام و انصرام اور آپسی مسائل کو حل کرنے کا ذمہ دار مردوں کو مقرر کیا گیا، اس لیے کہ ان میں فطری طور پر یہ صلاحیتیں پائی جاتی ہیں عورتوں میں اس کی اہلیت نہیں، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ قوامیت اور ذمہ دارانہ حیثیت سے مردوں کو عورتوں پر فضیلت اور برتری حاصل ہے۔ سورہ بقرہ آیت ۲۲۸ میں آپسی حقوق میں مماثلت قرار دیتے ہوئے شوہروں کے ایک درجہ فضیلت کا اعلان کیا گیا ہے، لیکن ساتھ ہی مردوں کو ہدایت دی گئی کہ یہ محض نظامِ زندگی کو بہتر بنانے اور آپسی رہن سہن میں ترتیب باقی رکھنے کے لیے ایک کو دوسرے پر فوقیت دی گئی ہے۔ اس سے غلط فائدہ نہ اٹھایا جائے اور بیویوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک نہ کیا جائے، تاہم اس سے انکار نہیں کہ عورتوں کا سرتاج اور سربراہ ان کے شوہر ہیں ۔ عورتوں کو چاہیے کہ وہ شوہر کی بات مانیں اور بیوی ہونے کی حیثیت سے ان کی جو مخصوص ذمہ داریاں ہیں ان کی ادائیگی میں کوتاہی نہ کریں ۔ 
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: عورت جب پانچوں وقت کی نماز پڑھے اور ماہ ِ رمضان کے روزے رکھے اور اپنی شرم و آبرو کی حفاظت کرے اور شوہر کی فرماں بردار رہے تو پھر اسے حق ہے کہ وہ جنت کے جس دروازے سے چاہے اس میں داخل ہو۔ امام ترمذیؒ نے حضرت امّ سلمہ رضی اللہ عنہا کا بیان نقل کیا ہے کہ آپؐ نے ارشاد فرمایا کہ جو عورت اس حالت میں دنیا سے جائے کہ اس کا شوہر اس سے راضی اور خوش ہو تو وہ جنت میں جائے گی۔ ایک دوسری حدیث میں یہ بھی ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے شوہروں کا مقام بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر میں کسی کو کسی مخلوق کے لیے سجدے کا حکم دیتا تو عورت کو کہتا کہ وہ اپنے شوہر کو سجدہ کرے۔ (ترمذی) اس طرح کی متعدد روایات ہیں، جن میں بڑے بلیغ اور مؤثر انداز میں عورتوں کو اپنے شوہروں کی خدمت، اطاعت اور اپنے آپ کو ان کے لیے نچھاور کر دینے کی ترغیب دی گئی ہے، لیکن افسوس ہوتا ہے کہ بسااوقات عورتیں اپنے شوہروں کی معصومیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کے ساتھ ظالمانہ رویہ اختیار کرتی ہیں، شوہروں کو لعن طعن، ان کی شکوہ شکایت اور گالی گلوج تک کی نوبت آ جاتی ہے، کبھی کبھی مردوں کے خلاف بیوی سرکاری عدالتوں میں مقدمات لے جاتی ہے اور بے جا ان کو پریشان کرتی ہے، جو یقیناً سماج کے لیے لمحۂ  فکریہ ہے۔ یہ وہی عورتیں ہیں جن کے دلوں میں شوہروں کا کوئی مقام نہیں ہوتا، جن کے لیے ارشاداتِ رسول کی کوئی حقیقت نہیں، یا جن کو آخرت کا کوئی خوف اور جواب دہی کا احساس نہیں ہے۔ 
اسلام نے مردوں کو خاص طور پر اپنے غیظ و غضب پر قابو پانے کی تلقین کی ہے۔ گنوار اور ناواقف لوگوں کی طرح ہر بات پر بیوی پر غصہ اور مار پیٹ سے دور رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مسلمانوں میں زیادہ کامل ایمان والا وہ ہیں جن کے اخلاق بہتر ہیں اور تم میں اچھے اور خیر کے زیادہ حامل وہ ہیں جو اپنی بیویوں کے حق میں اچھے ہیں ۔ ایک موقع پر آپؐ نے فرمایا: خَیْرُکُمْ خَیْرُکُمْ لِاَہْلِہٖ وَ اَنا خَیْرُکُمْ لِاَہْلِی۔ (ابن ماجہ) یعنی وہ آدمی تم میں زیادہ اچھا اور بھلا ہے جو اپنی بیوی کے حق میں اچھا ہو اور میں اپنی بیویوں کے لیے بہت اچھا ہوں ۔ آپؐ نے اچھائی اور بھلائی کا خاص معیار اور علامت بیوی کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنے کو قرار دیا، ساتھ ہی اپنی مثال پیش فرمائی کہ میں اپنی ازواج کے ساتھ بہتر معاملہ کرتا ہوں ۔ ساری امت کے لیے آپؐ کا عمل نمونہ ہے، سارے اوصاف اور ساری عزتوں کے حامل رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب اپنی پاک بیویوں کے ساتھ دلداری، دلجوئی اور حسن سلوک کا معاملہ فرمایا اور کبھی ایسی بات نہ ہوئی جس سے آپس میں نفرت پیدا ہو، تو عام مسلمانوں کو بھی چاہیے کہ زندگی بھر کی ساتھی یعنی بیوی کے ساتھ اچھا معاملہ کریں، ان کے ساتھ محبت سے پیش آئیں، ان کے حقوق ادا کریں ۔ غرض میاں بیوی جب دونوں اپنے حدود میں رہتے ہوئے ایک دوسرے کے حقوق ادا کریں گے تو خوشگوار زندگی گذرے گی اور اگر کہیں سے بھی کمی ہوئی تو کشمکش اور خانہ جنگی شروع ہو جائے گی، جو دین و دنیا دونوں کے لیے ہلاکت کا باعث ہے۔ آج پورا سماج میاں بیوی کے جھگڑوں سے بھرا ہوا ہے، عدالتوں میں بیشتر مقدمات کا تعلق میاں بیوی سے ہے۔ ضرورت ہے کہ آپس میں احترام اور محبت کا ماحول پیدا کریں، تاکہ زندگی کی صحیح مسرت حاصل ہوسکے۔ 
٭٭٭



عورتوں پر ظلم نہ کیجیے 


اسلام نے تمام مخلوق کے ساتھ ہمدری اور نیک برتاؤ کا حکم دیا ہے۔ مسلمان ہو یا کافر، مرد ہو یا عورت، بچہ ہو یا بوڑھا، مالدار ہو یا غریب، ہر سطح کا انسان اللہ تعالیٰ کی نظر میں محبوب اور پسندیدہ ہے۔ اس کے ساتھ ظلم، ناانصافی، بے مروّتی اور ایذارسانی کا عمل انتہائی مذموم اور موجب غضب ِ الٰہی ہے۔ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’ساری مخلوق اللہ کی عیال ہے، لہٰذا اللہ کے نزدیک سب سے پیارا بندہ وہ ہے جو اللہ کی مخلوق کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آئے۔‘‘ مخلوق (اللہ کی پیدا کی ہوئی چیز) میں انسان کے علاوہ جاندار اور غیر جاندار چیزیں بھی داخل ہیں ۔ ان تمام کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید کی گئی ہے، چنانچہ اسلام میں یہ ناپسندیدہ ہے کہ ہرے بھرے درخت، پیڑ پودوں کو بھی بلاوجہ اکھاڑا جائے یا اس کی ٹہنیوں کو تراشا جائے، بے زبان جانور کو ستانے اور تکلیف دینے پر بھی سخت وعید سنائی گئی ہے۔ ظاہر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں زندگی عطا کی ہے، مگر وہ انسان کے خدمت گذار اور تابع ہیں ۔ اگر انہیں کوئی مارنا چاہے، بھوک اور پیاس سے تڑپانا چاہے تو انسان کو یہ قدرت بھی حاصل ہے، تاہم ان جانوروں کی آہیں آسمان تک پہنچتی ہیں اور بندوں کے مستقبل کو ویران کر دیتی ہیں اور انہیں یہ نہیں معلوم کہ یہ تباہی ہمارے کس عمل کا نتیجہ ہے۔ 
حضرت حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانویؒ کے خاص خلیفہ حضرت ڈاکٹر عبدالحئیؒ کے بیان کے مطابق ایک دن پیرانی صاحبہ (حضرت تھانویؒ کی بیوی) نے حضرت حکیم الامتؒ سے عرض کیا کہ کل میں ایک رشتہ داری میں جا رہی ہوں، آپ میری مرغیوں کو آٹھ بجے کھول دیجیے اور تھوڑا سا دانہ دے دیجیے اور پانی پلا دیجیے۔ اب حکیم الامتؒ ڈیڑھ ہزار کتابوں کے مصنف، وہ کیا جانیں مرغیوں کو کھولنا، دانہ پانی دینا، حضرت بھول گئے، خانقاہ میں آ گئے۔ اندازاً ساٹھ خطوط روزانہ آتے تھے، ان میں بڑے بڑے علماء کے خطوط ہوتے تھے، اب جواب لکھنا چاہتے ہیں تو کوئی جواب نہیں آتا، تفسیر ’’بیان القرآن‘‘ لکھنا چاہتے ہیں تو کوئی مضمون نہیں آتا، قلم رک گیا، دل میں اندھیرا آ رہا ہے، پھر اللہ سے روئے کہ اے اللہ! اشرف علی سے کیا غلطی ہو گئی، آپ مجھے اس پر تنبہ فرما دیں تاکہ میں اس سے توبہ کر لوں ۔ دل میں آواز آئی کہ ’’اے اشرف علی! تم نے میری ایک مخلوق کو بند کر رکھا ہے، مرغیاں گھبرا رہی ہیں، آٹھ کے بجائے نو بج چکے ہیں، ایک گھنٹہ سے وہ بے چین ہیں، میری ایک مخلوق تمہاری وجہ سے تکلیف میں ہے، پھر تم کو علوم کیسے دیے جائیں ۔ ایسی حالت میں تم سے سرکاری کام کیسے لیا جائے گا، جاؤ جلدی سے مرغیوں کو کھولو۔‘‘ حضرت دوڑے، خانقاہ سے جا کر تمام مرغیوں کو کھولا اور جلدی سے دانہ دیا اور پانی پلایا اور جب لوٹ کر آئے تو سارے علوم پھر جاری ہو گئے۔ (حقوق النساء: ۲۶) 
مرغیوں کو تکلیف، پہنچ جانے سے جب فیضانِ رحمت کا سلسلہ رک گیا تو انسانوں اور اللہ کے نیک بندوں کو ستانے اور تکلیف پہنچانے سے کس قدر اللہ کا غضب نازل ہو گا، خاص طور پر ان لوگوں کو سوچنا چاہیے جو بات بات پر اپنی بیویوں کو گالی گلوج، مار پیٹ اور اس سے بھی آگے بڑھ کر ظلم کی مختلف صورتیں اختیار کرتے ہیں ۔ عورتوں کو اللہ تعالیٰ نے مرد کے تابع بنایا ہے، مگر اس کے ساتھ حسن معاشرت، نیک برتاؤ اور حسن سلوک کی تاکید کی گئی ہے۔ ارشاد ِ باری ہے: وَ عَاشِرُوْہُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ’’اور بیویوں کے ساتھ خوش اسلوبی سے گذر بسر کیا کرو۔‘‘ (سورۃ النسائ، آیت: ۱۹) خوش اسلوبی اور معروف طریقۂ  زندگی گذارنے میں کئی چیزیں داخل ہیں، مثلاً مکمل مہر ادا کرنا، اپنی حیثیت کے مطابق نان و نفقہ دینا، بلاکسی وجہ مارنے اور تیور چڑھانے سے پرہیز کرنا، گالی گلوج، تکلیف دہ گفتگو اور ترش زبان سے پیش نہ آنا، اپنی بیوی کے علاوہ دوسری عورتوں کی طرف مائل نہ ہونا اور ان کے علاوہ تمام حرکتیں جو بیوی کے لیے باعث ِ اذیت بنیں ان سے اجتناب کرنا چاہیے۔ 
حضرت عکرمہؒ کا قول علامہ سیوطیؒ نے اس آیت کی تفسیر میں نقل کیا ہے کہ حسن معاشرت سے مراد اچھی صحبت(رہن سہن)، اچھا لباس اور اچھا کھانا فراہم کرنا ہے۔ (الدر المنثور: ۲/۴۶۵) واضح رہے کہ اچھا لباس اور اچھا کھانا میں مرد کی حیثیت معتبر ہو گی۔ اگر شوہر کی آمدنی کم ہے تو معیاری اور اعلیٰ طرز کے کھانے کپڑے کا مطالبہ بیوی کی جانب سے درست نہیں ہے۔ اسی طرح اگر آمدنی زیادہ ہو تو شوہر کے لیے جائز نہیں ہے کہ کھانا، کپڑا اور دیگر معاملات میں تنگی پیدا کرے، بلکہ عرفِ عام میں اس حیثیت کے لوگوں کے کھانے اور رہنے سہنے کا جو طرز ہوتا ہے اسے اختیار کیا جائے اور اعتدال و توازن کے ساتھ بیوی کو خوش رکھنے کی ترکیب و تدبیر پر عمل کرنا چاہیے۔ 
حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانویؒ نے ’’کمالاتِ اشرفیہ‘‘ میں ایک حق بیویوں کا یہ بھی لکھا ہے کہ ہر ماہ ان کو کچھ جیب خرچ دے دو اور پھر اس کا حساب نہ لو کہ تم نے کہاں خرچ کیا۔ اللہ نے جس کو جتنا دیا ہے اسی اعتبار سے کچھ ماہانہ مقرر کر دیں، اگر دس ہزار روپے کی آمدنی ہے تو ایک روپیہ مٹ پکڑائیے، پچاس یا سو روپے دے دیجیے بلکہ زیادہ دیجیے اور دے کر بھول جائیے اور اس سے کہہ دیجیے کہ تم کو اختیار ہے جہاں چاہو خرچ کرو، اس کا میں کوئی حساب نہیں لوں گا۔ یہ ماہانہ جیب خرچ اس کا حق ہے، کیوں کہ وہ مجبور ہے، کما نہیں سکتی، اس کا جی چاہتا ہے کہ میرا بھائی آیا ہے، غریب ہے اس کو ہدیہ دے دوں، اگر اس کے پاس کچھ نہ ہو گا تو کہاں سے دے گی، اس لیے اس کے جذبات و خواہشات کی رعایت ہے، ساری زندگی آپ کے ساتھ پابند ہے، رفیقۂ  حیات ہے، آپ کے دروازہ سے باہر نہیں جا سکتی، ساری زندگی تمہارا ساتھ دی رہی ہے، اس لیے ہر طرح سے اس کی راحت و آرام کی رعایت ضروری ہے۔ (حقوق النسائ: ۵۰) 
’’ریاض الصالحین‘‘ احادیث ِ نبویؐ کا اہم اور منتخب مجموعہ ہے۔ اس میں ’’عورتوں کے ساتھ حسن سلوک‘‘ کے تحت عورتوں کے حقوق کا ذکر ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے حجۃ الوداع میں اللہ تعالیٰ کی تعریف اور ثنا بیان کی اور فرمایا کہ عورتوں کے ساتھ بھلائی کرو، وہ تمہارے یہاں بطور ِ قیدی کے ہیں، اس کے سوا تم ان کی کسی چیز کے مالک نہیں، اگر وہ غلطی کر بیٹھیں تو ان سے الگ رہو اور ان کو ایسا مارو کہ ان کو تکلیف نہ ہو، پس اگر وہ مان لیں تو ان پر کوئی تکلیف نہ ڈالو اور سن لو کہ تمہاری بیویوں پر تمہارا حق ہے اور تمہاری بیویوں کا تم پر حق ہے۔ تمہارا ان پر حق یہ ہے کہ تمہارے بستروں پر ان کو نہ بٹھائیں جن کو تم ناپسند کرتے ہو اور تمہارے گھروں میں ان کو نہ بلائیں جن کا آنا تمہیں ناپسند ہو اور تم پر ان کا حق یہ ہے کہ ان کے کھلانے پلانے میں بھلائی کرو۔‘‘ ایک دوسری حدیث میں حضرت معاویہ بن حیدہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ ہماری بیویوں کا ہم پر کیا حق ہے؟ آپؐ نے فرمایا کہ جب تم کھاؤ تو ان کو بھی کھلاؤ اور جب پہنو تو ان کو بھی پہناؤ اور ان کے منہ پر نہ مارو اور انہیں گالیاں نہ دو اور ان کو نہ چھوڑو مگر گھر میں ۔ (ریاض الصالحین: ۱۴۲) 
یہ ایک حقیقت ہے کہ دور ِ حاضر میں عورتوں کے ساتھ ظلم، حق تلفی اور ناانصافی کی مختلف صورتیں اختیار کی جا رہی ہیں، وراثت سے لڑکیوں کو محروم کرنے کا عام مزاج ہے، گویا یہ تصور قائم کر لیا گیا ہے کہ جائیداد صرف مردوں ہی کے لیے خاص ہے، لڑکیوں کو جہیز کی شکل میں شادی کے وقت جو دیا گیا وہی ان کے لیے کافی ہے اور وہی ان کا حق بھی ہے، جب کہ قرآن مجید میں نظامِ وراثت میں عورتوں کے مختلف جہتوں سے حصص بیان کیے گئے ہیں اور ساتھ ہی وراثت کی سخت تاکید بیان کی گئی ہے۔ اسی طرح مہر کی ادائیگی میں بھی مردوں نے غفلت سے کام لیا ہے۔ نکاح کے وقت رسمی طور پر مہر کی رقم تعین کر دی جاتی ہے، لیکن پوری زندگی اس دَین (قرض) کی ادائیگی کی طرف توجہ نہیں دی جاتی۔ عورت، شوہر کے تحت زندگی گذارنے کی وجہ سے دیے گئے اخراجات کو اپنے لیے احسان سمجھتی ہے، پھر شوہر کی ترش روئی کے خوف سے وہ اپنا حق مہر کیوں کر مطالبہ کرے، اس طرح بیویوں پر ظلم کا ایک سلسلہ ہے، جس کا احساس بھی ہو جائے تو غنیمت۔ اس سے بھی آگے بڑھ کر بیوی کی معمولی غلطی پر جھڑکنے، ڈانٹنے اور احسان جتانے کا عام معمول ہے۔ اگر گھر سے باہر تجارت، ملازمت یا کسی بات پر غصہ آ گیا تو اس نزلہ کا شکار گھر کی بے چاری عورتیں ہوتی ہیں اور اگر رنگ کے اعتبار سے جاذبِ نظر نہیں تو پھر الامان و الحفیظ، قدم قدم پر مار پیٹ اور طلاق کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، صبح سے شام تک ان ہی کے کاموں میں بیوی مصروف رہتی ہے، مگر شوہروں کے دل آسودہ نہیں ہوتے، اندر سے ان کی طرف دل کا میلان، محبت و چاہت، جس کی ہر عورت خواہشمند رہتی ہے ان کو نصیب نہیں، کیا مرد کی حاکمیت کا یہی مطلب ہے؟ 
حضرت مولانا حکیم محمد اختر صاحب (پاکستان) نے ایک موقع پر فرمایا کہ ایک صاحب نے محض اس لیے کہ بیوی کالی کلوٹی تھی، صورت خراب تھی، محض نفس کی ہوس کی وجہ سے چھ بچوں کی ماں ہونے کے باوجود اس کو طلاق دے دی۔ کہا میری ماں نے غلطی کر دی تھی میرا اس سے گذارا نہیں ہو گا، ہم بہت خوبصورت سے شادی کریں گے۔ بیوی نے بہت منت سماجت کی، لیکن شوہر نے خوبصورت بیوی کے جنون میں تین طلاق دے دی، جب وہ چھ بچوں کو لے کر نکلی ہے تو اس نے آسمان کی طرف ایک نظر ڈالی اور بزبانِ حال یہ شعر پڑھا: 
ہم بتاتے کسے اپنی مجبوریاں 
 رہ گئے جانب آسماں دیکھ کر 
اس کے بعد شوہر نے بہت خوبصورت عورت سے شادی کی۔ چھ مہینے بھی نہیں گذرے تھے کہ فالج گر گیا۔ دس سال تک زندہ رہے بستر پر ہمیشہ لیٹے ہی رہتے اور لڑکی بھی بھاگ گئی کہ ایسے سے میرا گذارہ کیسے ہوسکتا ہے۔ (حقوق النساء: ۳۵) 
انسان اگر چاہے کہ میرے منشاء کے عین مطابق مجھے رفیقۂ  حیات ملے تو شاید یہ امید برآور نہ ہو، کسی نہ کسی اعتبار سے مخالفت اور کجی پائی جائے گی۔ ایسے وقت صبر سے کام لینا چاہیے اور بیوی کی صفات اور خوبیوں پر نظر رکھتے ہوئے اس کی خطاؤں کو درگذر اور معاف کر دینا چاہیے۔ ممکن ہے کہ یہی عورت اس کے لیے مستقبل میں آرام و سکون کا سبب بن جائے۔ اسی طرف قرآن کریم میں اشارہ کیا گیا ہے: ’’اگر وہ تمہیں ناپسند ہوں تو عجب نہیں کہ تم ایک شئے کو ناپسند کرو اور اللہ اس کے اندر بڑی بھلائی رکھ دے۔‘‘ (سورۃ النساء، آیت: ۱۹) 
حضرات علماء اور اہل نظر نے بیویوں پر ظلم سے بچنے کی ایک بہترین ترکیب یہ بتائی ہے کہ جب کسی بات میں بیوی پر غصہ آئے تو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ اگر اس کی جگہ میری بیٹی ہوتی تو کیا میرا دل گوارا کرتا کہ میرا داماد ایسے وقت میری بیٹی کو مارے پیٹے یا گالی گلوج کرے، یہ بھی کسی نہ کسی کی بیٹی اور لخت ِ جگر ہے، اس کے ساتھ ہمیں بھی ایسا ہی معاملہ کرنا چاہیے جیسا کہ ہم اپنے داماد سے بیٹی کے بارے میں خیال رکھتے ہیں ۔ اگر یہ تصور ذہن میں آ جائے تو بے شمار حق تلفیوں اور مظالم سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ 
٭٭٭



پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کیجیے 


یوں تو اسلام نے تمام نوعِ انسانی کے ساتھ اخوت، بھائی چارگی، الفت و محبت، خیرخواہی اور حسن معاشرت کی تعلیم کو نمایاں مقام دیا ہے، مذہب و ملت، رنگ و نسل یا جغرافیائی حدود کے اختلاف کی بنیاد پر دو انسانوں میں فرق کرنا جائز نہیں، لیکن پڑوسیوں کے ساتھ یہ ذمہ داری اور زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ مختلف احادیث میں اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے پڑوسیوں کے حقوق کی رعایت، ان کے ساتھ اچھا برتاؤ، حسن معاملہ، ایثار و قربانی، محبت و شفقت اور بھلائی کی تاکید فرمائی ہے اور ان کے ساتھ بد خواہی، حسد، کینہ، بغض، عداوت، دشمنی یا کسی ایسے طریقۂ  کار پر سخت تنبیہ فرمائی ہے جس سے کسی پڑوسی کو تکلیف پہنچے، خواہ وہ اس کی دل آزاری ہو یا اس کا کوئی جانی و مالی نقصان۔ 
وہ حقیقی مسلمان نہیں : حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ ایک موقع پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: و اللّٰہ لایؤمن واللّٰہ لا یؤمن قیل من یا رسول اللّٰہ قال الذی لایؤمن جا رہ بوائقہ۔ (بخاری و مسلم) خدا کی قسم وہ شخص ہرگز مسلمان نہیں ہوسکتا۔ آپ نے یہ جملہ تین مرتبہ ارشاد فرمایا، صحابہؓ نے عرض کیا وہ کون سا شخص ہے یا رسول اللہ جس کے بارے میں آپ مؤمن نہ ہونے کی شہادت دے رہے ہیں ؟ آپؐ نے فرمایا: وہ شخص کبھی مسلمان نہیں ہوسکتا جس کی شرارتوں سے اس کا ہمسایہ اور پڑوسی محفوظ نہ ہو۔ حضرات محدثین نے چاہے اس حدیث کی کچھ بھی تاویل کی ہو کہ یہاں مطلقاً ایمان کی نفی مراد نہیں ہے، بلکہ کمالِ ایمان کی نفی مراد ہے جیسا کہ ایک دوسری حدیث میں ترکِ صلوٰۃ پر بھی آپؐ نے یہی جملہ ارشاد فرمایا ہے، لیکن حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی اس قدر ناراضگی کہ تین مرتبہ آپؐ اللہ کی ذات کی قسم کھا کر مؤکد فرما رہے ہیں، کیا یہ وعید کے لیے کم ہے۔ یہاں تک کہ ایک موقع پر آپؐ نے ارشاد فرمایا: لایدخل الجنۃ من لا یامن جا رہ بوائقہ۔ (مشکوٰۃ: ۴۲۲) وہ آدمی جنت میں داخل نہیں ہوسکتا جس کی ایذارسانی اور بدنیتی سے اس کے پڑوس کے لوگ مامون نہ ہوں ۔ ذرا اندازہ کیجیے کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسے لوگوں کے بارے میں کتنا سخت جملہ فرمایا ہے جو اپنے گھر کے اردگرد رہنے والوں کا خیال نہیں کرتے، بات بات پر ان سے لڑتے جھگڑتے رہتے ہیں، اپنے قول و فعل سے ان کو تکلیف پہنچاتے ہیں اور جو ہمیشہ ان کی نعمتوں کے زوال کی تمنا اور کسی آفت و مصیبت میں مبتلا ہونے کی آرزو لیے رہتے ہیں ۔ 
پڑوسی کے ساتھ اچھا برتاؤ : اسلام نے حسن سلوک کی تعلیم دی تو اس کا مفہوم صرف یہ نہیں ہے کہ پڑوسی کے ساتھ برائی سے پیش نہ آئیں، ان کو تکلیف نہ پہنچائیں یا ان کی مصیبت پر ہم خوش نہ ہوں بلکہ اس کا مثبت پہلو یہ ہے کہ ایک پڑوسی دوسرے پڑوسی کا خیرخواہ ہو، آڑے وقت میں کام آئے، دکھ درد میں برابر کا شریک ہو، ایک دوسرے کی مالی و اخلاقی اعانت کرے، ایک دوسرے کے اہل و عیال کا خیال رکھے، اگر کوئی ضرورت پیش آ جائے تو ہم اس کا بھرپور تعاون کریں جیسا کہ حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کی حدیث میں اس کی پوری تفصیل آئی ہے۔ حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ہمارے یہ پوچھے جانے پر کہ ہم پر پڑوسیوں کے کیا کیا حقوق عائد ہوتے ہیں ؟ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی پوری تفصیل بتائی کہ اگر کوئی پڑوسی تم سے کوئی چیز قرض مانگے اور وہ تمہارے پاس موجود ہے تو تم اسے قرض دے دو، اگر وہ تعاون طلب کرے تو مدد کر دو، اس کو کسی چیز کی ضرورت ہو تو پوری کر دو، اگر وہ بیمار ہو جائے تو اس کی عیادت کرو، اگر مر جائے تو نماز ِ جنازہ میں شرکت کرو، اگر اسے کوئی بھلائی پہنچے تو دلی اعتبار سے تم بھی خوش رہو اور اس کو مبارک باد دو اور اگر اس پر کوئی مصیبت آ پڑے، کسی حادثہ کا شکار ہو جائے تو اس کے غم میں تم بھی شریک رہو۔ فطری طور پر تمہارے دل پر بھی اس کی چوٹ لگے اور اس کی تعزیت، دلداری اور ماتم پرسی کرو اور اپنے گھر گوشت یا اس طرح کی کوئی عمدہ چیز پکنے کا علم اسے نہ ہونے دو جس سے اس کو تکلیف پہنچے، کیوں کہ ان کے پاس اچھی چیزیں کھانے کے اسباب نہیں، ہاں اس کو بھی اگر کچھ دینے کی نیت ہے تو پھر جانکاری سے کوئی حرج نہیں ہے۔ اسی طرح اپنے پڑوسی کے مکان سے اپنا مکان اونچا نہ بناؤ، کیوں کہ تمہاری لمبی عمارت سے اس کے گھر میں ہوا جانے سے رک جائے گی اور تمہاری اوپر کی منزل سے اس کے گھر کی ساری چیزیں دکھائی دیں گے، جس سے بے پردگی ہو گی اور اس کا عیب ظاہر ہو گا، البتہ پڑوسی اگر خود تمہیں اجازت دے دے کہ تم اپنے منشاء کے مطابق گھر کی تعمیر کر لو تب لمبی عمارت بنانے میں کوئی حرج نہیں ہے اور اگر بازار سے کوئی پھل خرید کر لائے ہو تو اس میں تھوڑا بہت اپنے پڑوسی کو بھی ہدیہ دے دو تاکہ دیکھ کر اسے نہ ہونے کا غم نہ ہو اور اگر دینے کی نیت نہیں ہے، تمہارے پاس اتنا پھل نہیں یا اتنی گنجائش نہیں کہ تم اسے دے سکو تو چپکے سے کسی بند چیز میں اسے گھر لے جاؤ تاکہ ان چیزوں پر پڑوسی کے اہل و عیال کی نظر نہ پڑے اور ساتھ ہی اس کا خیال رہے کہ کہیں تمہارا بچہ پھل لے کر باہر نہ نکلنے پائے، کیوں کہ اس پر پڑوسی کے بچوں کی نگاہ پڑے گی اور وہ بھی اپنے ماں باپ سے اس کی ضد کریں گے، حالانکہ وہ غریب و نادار ہے، ان کے پاس اتنی وسعت نہیں کہ اپنے بچوں کو پھل کھلا سکے، اس سے ان کی دل آزاری ہو گی اور ان کو تکلیف پہنچے گی۔ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مذکورہ چیزوں کو بالتفصیل بیان کرنے کے بعد صحابۂ  کرام سے مخاطب ہو کر فرمایا کہ پڑوسیوں کے حقوق کے سلسلہ میں تم لوگوں سے جو باتیں کہہ رہا ہوں کیا تم انہیں سمجھتے ہو، یاد رکھو! بہت کم ایسے لوگ ہیں جو پڑوسیوں کے حقوق کی رعایت کرتے ہیں اور ان کے ساتھ اچھائی اور خیرخواہی کا معاملہ کرتے ہیں اور یہ وہی لوگ ہیں جن کو اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے توفیق دیتا ہے۔ (الترغیب و الترہیب: ۳/۲۴۲) 
یہ حدیث پڑوسیوں کے حقوق کے سلسلہ میں نہایت ہی جامع اور کامل و مکمل ہے، اس میں ان تمام چیزوں کی حدبندی کر دی گئی ہے جن سے پاس پڑوس میں رہنے والے کے جذبات و احساسات کو ٹھیس پہنچے، ان کو کسی طرح کی کوئی تکلیف پہنچے، ذرہ برابر بھی ایذا رسانی اسلام نے برداشت نہیں کی ہے، ہمیشہ ان کے ساتھ بھلائی کرنے کی تاکید کی ہے، جس طرح بھی ممکن ہو پڑوسی کو آرام و راحت، چین و سکون کی زندگی گذارنے میں تعاون کرے، اس کی پریشانیوں اور دکھ درد میں کام آئے، اس کی خوشی و غم میں شریک ہو، اس کے اہل و عیال کے ساتھ شفقت کا معاملہ کرے۔ 
پڑوسی کو تکلیف پہنچانے والا جہنمی ہے: اگر کوئی شخص رات دن خدا کی یاد میں منہمک رہتا ہے، ساری عبادتیں کرتا ہے، اس کے تقویٰ و طہارت کی پوری دنیا میں دھوم مچی ہے، لیکن پڑوسی کے ساتھ اس کا سلوک اچھا نہیں تو ایسا شخص ساری عبادتوں کے باوجود جہنمی ہو گا، جیسا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت منقول ہے، فرماتے ہیں کہ ایک آدمی نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا: یا رسول اللہ! یہ بتائیے کہ اگر لوگوں کے درمیان کسی شخص کی نماز، روزہ اور صدقہ کے بارے میں خوب چرچہ ہو لیکن وہ پڑوسی کو زبان سے تکلیف پہنچاتا ہے، برا بھلا کہتا ہے تو اس کا کیا حشر ہو گا؟ آپؐ نے فرمایا: وہ جہنم میں ڈال دیا جائے گا، پھر سوال کیا یا رسول اللہ! ایسا آدمی جو نماز، روزہ اور صدقہ بہت کم ادا کرتا ہے، البتہ وہ پنیر کے ٹکڑے جیسی معمولی چیزیں صدقہ دیتا ہے اور اپنے پڑوسی کے ساتھ اچھا برتاؤ کرتا ہے، کسی طرح کی کوئی تکلیف نہیں پہنچاتا اس کے ساتھ کیا معاملہ ہو گا؟ آپؐ نے فرمایا: یہ شخص جنتی ہے۔ (مشکوٰۃ: ۴۲۴) 
پڑوسی کی اہمیت : پڑوسی کی اسی اہمیت کے پیش نظر اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام مقدس میں اس کی بڑی تاکید فرمائی ہے اور اپنے حقوق و عبادت کے فوراً بعد اسی آیت میں والدین، رشتہ دار، یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ ساتھ پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کا تذکرہ فرمایا ہے: وَاعْبُدُوْا اللّٰہَ وَ لاتُسْرِفُوْا بِہٖ شَیْئًا وَّ بِالْوَالِدَیْنِ اِحْسَانًا وَ بِذِیْ الْقُرْبٰی و الْیَتَامٰی وَ الْمَسَاکِیْنَ وَ الْجَارِ ذِیْ الْقُرْبٰی وَ الْجَارِ الْجُنُبِ وَ الصَّاحِبِ بِالْجَنْبِ۔ (سورہ نساء، آیت: ۳۶) 
’’اور اللہ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرو اور والدین کے ساتھ حسن سلوک کا معاملہ کرو اور قرابت والوں کے ساتھ اور یتیموں، فقیروں، قریبی اور دور کے ہمسایہ اور پاس بیٹھنے والوں کے ساتھ اچھے سے پیش آؤ۔‘‘ پڑوسی خواہ قریب ہوں یا دور ان تمام کے ساتھ حسن سلوک اور بہتر اخلاق کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسی طرح سفر میں چلتے ہوئے بھی کچھ دیر کے لیے کسی کی جو رفاقت ہوتی ہے وہ بھی پڑوسی کے درجے میں ہے، اس لیے اس کے ساتھ حسن سلوک کیا جائے گا۔ 
پڑوسیوں کے حقوق اس قدر زیادہ ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جبرئیل امین مجھے ہمیشہ پڑوسی کی رعایت اور امداد کے لیے فرماتے رہے، یہاں تک کہ مجھے گمان ہونے لگا کہ شاید پڑوسی کو بھی رشتہ داروں کی طرح وراثت میں شریک کر دیا جائے گا۔ (صحیح بخاری: ۲/۸۸۹) 
پڑوسی ہر قسم کے ہوتے ہیں، ان میں کمزور بھی ہوتے ہیں اور مجبور بھی، بے کس بھی اور یتیم بھی، تنگ دست اور مفلوک الحال بھی، ان میں ضرورت مندوں کی ضرورت پوری کرنا، بیکسوں پر ترس کھانا، ننگوں کو کپڑا پہنانا اور بھوکوں کو کھانا کھلانا ایک اچھے انسان اور ہمدرد پڑوسی کی علامت ہے۔ تاریخ میں ایسے بے شمار واقعات ہیں کہ خود بھوکے رہے لیکن پڑوسیوں کو کھانا کھلایا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا وہ شخص مؤمن نہیں جو خود پیٹ بھر لے اور اس کا پڑوسی اس کے پہلو میں بھوکا رہے۔ (بیہقی، مسند ِ احمد) یہاں تک تاکید کی گئی کہ جب تم کوئی سالن پکاؤ تو شوربہ زیادہ کر دو اور اپنے پڑوسی کا خیال رکھو۔ (مسلم شریف) 
غیرمسلم پڑوسی : پھر پڑوس میں رہنے والے کبھی تو اسلامی برادری میں داخل اور مسلمان ہوتے ہیں اور کبھی غیرمسلم، دونوں طبقوں کے ساتھ یہی حکم ہے۔ ایک حدیث میں خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو واضح فرمایا ہے۔ ارشاد فرمایا کہ بعض پڑوسی وہ ہیں جن کا صرف ایک حق ہے، بعض وہ ہیں جن کے دو حق ہیں اور بعض وہ جن کے تین ہیں، ایک حق والا پڑوسی وہ غیرمسلم ہے جس سے کوئی رشتہ داری بھی نہیں، دو حق والا پڑوسی وہ ہے جو پڑوسی ہونے کے ساتھ مسلمان بھی ہے، تین حق والا پڑوسی وہ ہے جو پڑوسی بھی ہے، مسلمان بھی اور رشتہ دار بھی۔ (قرطبی: ۵/۱۸۴) کیوں کہ قرآن و احادیث میں مطلقاً ’’جار‘‘ کا لفظ آیا ہے، جو ہر طرح کے پڑوسی کو شامل ہے، خواہ مسلم ہو یا غیرمسلم، عابد ہو یا فاسق، دشمن ہو یا دوست، نافع ہو یا ضار، رشتہ دار ہو یا غیر رشتہ دار، قریب ہو یا بعید، بہرحال اس کا حق ہے کہ بقدر ِ استطاعت امداد و اعانت کریں اور زندگی کے ہر موڑ پر اس کے ساتھ اس طرح حسن سلوک سے پیش آئیں کہ خود وہ اپنی زبان سے آپ کے اچھے ہونے کی شہادت دے۔ 
نیک پڑوسی کون: نیک پڑوسی دنیا میں سعادت اور آخرت میں شفاعت کا سبب ہے۔ حضرت عبداللہ بن عمرو سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اللہ کے نزدیک سب سے اچھا ساتھی وہ ہے جو اپنے ساتھیوں کے لیے سب سے بہتر ہو اور سب سے بہتر پڑوسی وہ ہے جو اپنے پڑوسیوں کے لیے سب سے بہتر ہو۔ (مشکوٰۃ: ۴۲۴) 
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک شخص آیا اور اس نے کہا یا رسول اللہ! جب میں کوئی اچھا کام کروں تو مجھ کو کیسے معلوم ہو کہ میں نے اچھا کام کیا ہے اور جب کوئی برا کام کروں تو کیسے معلوم ہو کہ میں نے برا کام کیا ہے، یعنی میرے کام کے اچھے اور برے ہونے کا کیا معیار ہے؟ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تمہارا پڑوسی شہادت دے کہ تم نے اچھا کام کیا ہے تو سمجھ لو کہ تم نے اچھا کام کیا ہے اور جب وہ کہے کہ تم نے برا کام کیا ہے تو جان لو کہ تم نے برا کام کیا ہے۔ (مشکوٰۃ: ۴۲۴) 
پڑوسی کے حدود : جس گھر میں آدمی سکونت اختیار کرتا ہے اس کے قرب و جوار میں جو لوگ ہوتے ہیں ان کو پڑوسی کہتے ہیں، اگر مسکن کے بالکل قریب ہے تو وہ قریبی پڑوسی کہلاتا ہے اور اگر کچھ دور ہے تو دور کا پڑوسی کہلائے گا۔ حضرت ابوبکر، حضرت عمر اور حضرت علی رضی اللہ عنہم اجمعین سے منقول ہے کہ ہر طرف سے چالیس گھروں کی آبادی پر پڑوسی کا اطلاق ہوتا ہے، یعنی اتنی دور تک ایک آدمی کا پڑوسی کہلاتا ہے جس کی رعایت ہر انسان کے لیے لازم ہے، البتہ ان میں آپ کی محبت و ہمدردی کا سب سے زیادہ مستحق وہ پڑوسی ہے جس کا دروازہ آپ کے گھر سے قریب ہو، جیسا کہ ایک موقعہ پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا کہ ہمارے دو پڑوسی ہیں، کس کو تحفہ بھیجوں ؟ آپؐ نے فرمایا: جس کا دروازہ تم سے قریب ہو۔ (بخاری: ۲/۸۹۰) 
عارضی پڑوسی: آدمی کی معاشرتی زندگی کا دائرہ جب وسیع ہوتا ہے تو بس اسٹینڈ پر، پلیٹ فارم پر، ایئرپورٹ پر، جہازوں میں، ٹرینوں میں، بسوں اور آفسون میں ایک دوسرے سے آشنائی ہوتی ہے اور تھوڑی دیر کے لیے ان کا ہمارا ساتھ ہوتا ہے، وہ بھی ہمارے پڑوسی ہیں، لیکن غیرمستقل اور عارضی پڑوسی کہلاتے ہیں، دائمی پڑوسیوں کی طرح ان کے ساتھ بھی حسن سلوک کی تاکید فرمائی گئی ہے، جس کا ادنیٰ درجہ یہ ہے کہ آپ کے کسی قول و فعل سے اس کو ایذا نہ پہنچے، کوئی گفتگو ایسی نہ کریں جس سے اس کی دل آزاری ہو، کوئی کام ایسا نہ کریں جس سے اس کو تکلیف ہو، مثلاً سگریٹ پی کر اس کا دھواں اس کے منہ کی طرف نہ چھوڑیں، پان کھاکر پیک اس کی طرف نہ ڈالیں، اس طرح نہ بیٹھیں جس سے اس کی جگہ تنگ ہو جائے۔ 
پڑوسیوں کے حقوق کی اس قدر اہمیت اور تاکید کے باوجود آج ہر آدمی اپنا محاسبہ کرے کہ پڑوسیوں کے ساتھ کتنی ہمدردی اور غمخواری کا معاملہ کیا جاتا ہے، اس کے ساتھ کتنا حسن سلوک کا معاملہ برتا جاتا ہے، دل آزاری اور ایذارسانی کا کوئی موقعہ ہم ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، جس طرح بھی ممکن ہوتا ہے خوب خوب ان کی مخالفت، جھگڑا، لڑائی اور نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، جو یقیناً ہمارے لیے لمحۂ  فکریہ ہے۔ 
٭٭٭ 



بیٹا! تو بھی سوجاتا تو اچھا تھا 


حضرت شیخ سعدیؒ اپنی شہرۂ  آفاق کتاب ’’گلستاں ‘‘ میں ایک جگہ بیان کرتے ہیں کہ ’’میں بچپن میں بڑا عبادت گذار و شب بیدار تھا، ایک رات میں اپنے والد محترم کی خدمت میں حاضر تھا، ساری رات آنکھوں آنکھوں میں کٹ گئی اور مسلسل تلاوتِ قرآن اور عبادتِ خدا میں مشغول رہا، مگر میرے اردگرد لوگوں کی ایک جماعت بڑے آرام سے سورہی تھی، ان لوگوں کا اس طرح بے فکر سونا مجھے برا معلوم ہوا اور میں نے اپنے والد سے شکایت کی کہ یہ لوگ تو ایسے سوگئے ہیں جیسے مر گئے ہوں، کوئی بھی تہو جد اور دیگر ذکر و اذکار کے لیے بیدار نہیں ہوتا، والد صاحب نے جواب دیا بیٹا! اچھا ہوتا کہ تو بھی سوجاتا تاکہ دوسروں کی غیبت نہ کرتا۔‘‘ (گلستاں : ۷۱) 
یہ شیخ سعدیؒ کے والد کی دوراندیشی اور اولاد کی تربیت کا بہتر انداز تھا کہ فوری طور پر اپنے بیٹے کو غلطی پر متنبہ کر دیا اور غیبت و شکوہ شکایت جیسے عظیم گناہ کے ارتکاب پر پہلے ہی دن روک لگا دی، خدانخواستہ اگر والد اپنے بیٹے کی غلطی کو بچپن کے سبب نظرانداز کر جاتا اور اسے اپنی رَو میں بہنے دیتا تو غیبت کا گناہ شیخ سعدیؒ کے سر پر تو لازم آتا ہی، یہ عین ممکن تھا کہ رفتہ رفتہ غیبت اور شکوہ و شکایت کا مزاج بن جاتا اور پھر بعد میں ہزار کوشش کے بعد طبیعت اس کو چھوڑنے پر آمادہ نہ ہوتی۔ اس سے نہ صرف رات کا عمل بلکہ زندگی میں کیے جانے والے بیشتر اعمال غیبت کی وجہ سے ضائع ہو جاتے، ان کا مکمل ثواب ملتا اور نہ ہی زہد و تقویٰ کی راہ ہموار ہوتی، اس لیے کہ دوسروں کی برائی، حقارت اور تذلیل سے باز آئے بغیر تصوف و سلوک کی کوئی منزل طے نہیں کی جا سکتی، خواہ نماز، روزہ اور دیگر عبادتوں کا وہ عاشق ہی کیوں نہ ہو۔ اس واقعے میں ان والدین کے لیے بڑا پیغام ہے جو اپنے بچوں کے برے اور ناجائز کاموں کا کوئی اثر نہیں لیتے، نہ ان کو ان امور سے روکنے کی فکر ہوتی ہے اور نہ مستقبل کے ضائع ہونے کی کوئی پرواہ۔ بہت سے ماں باپ اپنی اولاد کی غلطیوں کو یہ کہتے ہوئے نظرانداز کر دیتے ہیں کہ ابھی بچپن ہے بعد میں عمر کی زیادتی کے ساتھ جب شعور پختہ ہو گا تو خودبخود یہ برائیاں ختم ہو جائیں گی، لیکن یاد رہے کہ والدین کا یہ سوچ درست نہیں ہے، اس لیے کہ معصوم بچوں کا دماغ سفید کاغذ کی طرح ہے، بچپن سے جن عادات و اطوار کا نقش ان کے ذہنوں میں کر دیا جاتا ہے وہ کبھی مٹتا نہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے سات سال کی عمر سے ہی اولاد کو نماز پڑھانے کی تاکید فرمائی ہے، تاکہ نماز کی عادت ہو جائے اور اخیر تک عبادت کا ذوق باقی رہے۔ جو والدین شفقت و محبت یا کسی اور سبب اپنے بچوں کی صحیح تربیت نہیں کرتے، بدزبانی، گالی گلوج، غیبت، چغلی، شکوہ و شکایت اور دوسری غیر اخلاقی حرکتیں ان کے بچوں میں پائی جاتی ہیں اور پھر یہی بچے مستقبل میں اپنے ماں باپ کے لیے درد ِ سر ثابت ہوتے ہیں، آخرت میں بھی ایسے والدین سے مؤاخذہ ہو گا کہ انہوں نے اپنے ماتحت رہنے والوں کی تربیت سے غفلت کر کے اپنی ایک بڑی ذمہ داری اور فریضے کو ترک کر دیا ہے۔ 
واقعے کا دوسرا رخ غیبت سے حفاظت ہے۔ غیبت گناہ ِ کبیرہ اور اسلام کی نظر میں عظیم ترین جرم ہے، اس لیے شیخ سعدیؒ کو ان کے والد ِ محترم نے فوری طور پر اس گناہ پر متنبہ کیا۔ واضح رہے کہ ’’غیبت‘‘ دوسرے کی پیٹھ پیچھے برائی بیان کرنے کا نام ہے، لیکن کسی شخص کی عدم موجودگی میں اس کے تعلق ایس باتیں کرنا کہ جس کو اگر وہ سنے تو ناپسند کرے اور برائی اس شخص میں موجود ہو، اگر بیان کردہ برائی اس میں موجود نہ ہو تو یہ بہتان ہے، جس کی شناعت غیبت سے بھی بڑھی ہوئی ہے۔ جیسا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک دن بغرضِ تعلیم رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہؓ سے دریافت کیا، کیا تم جانتے ہو کہ غیبت کس کو کہتے ہیں ؟ صحابۂ  کرامؓ نے عرض کیا کہ اللہ اور اس کا رسول زیادہ جانتے ہیں ۔ آپؐ نے ارشاد فرمایا: ذکرک اخاک بما یکرہ ’’غیبت یہ ہے کہ تم اپنے مسلمان بھائی کا ذکر اس طرح کرو کہ جس کو اگر وہ سنے تو ناپسند کرے‘‘ یعنی اگر اس کو پتہ چلے کہ میرا ذکر اس طرح اس مجلس میں کیا گیا تھا تو اس کو تکلیف ہو اور وہ اس کو برا سمجھے۔ ایک صحابیؓ نے سوال کیا اگر میرے بھائی میں وہ برائی اور عیب واقعتاً موجود ہو جو میں نے بیان کیا ہے تو کیا جب بھی غیبت ہو گی؟ آپؐ نے فرمایا کہ اگر وہ خرابی اور عیب اس میں واقعتاً موجود ہو تو یہ غیبت ہے اور اگر وہ خرابی اس کے اندر موجود نہیں ہے اور تم اس کی طرف جھوٹی نسبت کر رہے ہو تو پھر یہ غیبت نہیں، یہ افتراء اور بہتان ہے، جو بذاتِ خود ایک بہت بڑا گناہ ہے۔ (مشکوٰۃ: ۴۱۲) 
کسی بھائی کی برائی اور عیب جو بیان کیا جا رہا ہے اس کا تعلق خواہ اس کے بدن سے ہو یا عقل سے، خواہ اس کے دین سے ہو یا دنیا سے، اخلاق و افعال سے ہو یا نفس سے، خواہ اس عیب کا تعلق اس کے مال و اسباب، اہل و عیال، ماں باپ، خاندان و رشتہ دار یا کسی بھی ایسی چیز سے ہو جس سے وہ متعلق ہے جیسے رفتار و گفتار، نشست و برخاست وغیرہ اور یہ عیوب و نقائص زبان سے بیان کیے جائیں یا ہاتھ، آنکھ، ابرو وغیرہ سے اشارہ کنایہ کے ذریعے، یہ سب غیبت میں داخل ہیں، بس اتنا سمجھ لینا چاہیے کہ کسی شخص کا کسی طرح کا بھی کوئی عیب اس کی عدم موجودگی میں اس طرح بیان کرنا جو دوسروں کی نظروں میں اس کی حیثیت و شخصیت کو گھٹاتا ہے تو یہ سخت غیبت اور حرام ہے۔ قرآن مجید میں ایسے لوگوں کی بڑی مذمت بیان کی گئی ہے جو اپنے امور کو چھوڑ کر دوسروں کی عیب جوئی، شکوہ و شکایت اور تحقیر و تذلیل میں پڑے رہتے ہیں ۔ ارشادِ باری ہے: وَ لَا یَغْتَبْ بَعْضُکُمْ بَعْضًا ا یُحِبُّ احَدُکُمْ ان یَّاْکُلَ لَحْمَ اخِیْہِ مَیْتًا فَکَرِہْتُمُوْہُ وَ اتَّقُوْا اللّٰہَ إنَّ اللّٰہَ تَوّابٌ رَّحِیْمٌ۔ (الحجرات: ۱۲) ’’اور کوئی کسی کی غیبت نہ کیا کرے، کیا تم میں سے کوئی اس کو گوارا کر لے گا کہ اپنے مردہ بھائی کا گوشت کھائے، اس سے ضرور ہی تمہیں کراہت آتی ہے اور اللہ سے ڈرتے رہو، بے شک اللہ بڑا توبہ قبول کرنے والا ہے، بڑا مہربان ہے۔‘‘  اس آیت میں کسی مسلمان کی آبروریزی اور توہین و تحقیر کو اس کا گوشت کھانے کی مثل و مشابہ قرار دیا گیا ہے۔ غور کیا جائے تو اس میں کسی کے پیٹھ پیچھے برائی بیان کرنے کی دِنائت اور خِسّت کو تین طرح سے بیان کیا گیا ہے، ایک تو انسان کا گوشت کھانا اور آدم خور بن جانا ہی کتنی شناعت کی بات ہے اور انسان بھی ایسا جو رشتے میں بھائی ہے اور بھائی بھی زندہ نہیں بلکہ مردہ، اپنے مردہ بھائی کا گوشت کھانا جتنا سنگین ہے اتنا ہی دوسرے کی غیبت کرنا سنگین اور خطرناک ہے۔ 
یاد رکھنا چاہیے کہ غیبت، طعن و تشنیع، شکوہ و شکایت اور تحقیر و تنقیص میں نقصان ہی نقصان ہے، اس میں فائدے کا کوئی پہلو نہیں، دنیوی اعتبار سے نقصان یہ ہے کہ جس کی غیبت اور برائی بیان کی جا رہی ہے جب اس کو اس کا علم ہو گا تو اسے کافی تکلیف ہو گی، اس کے دل میں اگر آپ کی کوئی قدر ہو گی تو وہ فوری طور پر ختم ہو کر نفرتوں اور کدورتوں کی مضبوط دیوار درمیان میں حائل ہو جائے گی، وہی شخص جس کو آپ سے کسی نہ کسی درجے میں محبت یا الفت تھی، اب آپ کا سایہ بھی اس کے لیے ناگوار گذرے گا، اس کے برے اثرات نہ صرف دو آدمیوں کے درمیان بلکہ دو خاندان، دو قبیلے اور کبھی کبھی پورے معاشرہ و سماج پر مرتب ہوتے ہیں، یکے بعد دیگرے دلوں میں فتنہ و فساد کا ایسا بیج پڑتا ہے جس کے نتائج بعض حالتوں میں بڑے خطرناک اور دوررس نکلتے ہیں، لڑائی جھگڑے، باہمی نا اتفاقیاں، عداوت و دشمنی اور نہ جانے کتنی خرابیاں غیبت اور اذیت رسانی سے پیدا ہوتی ہیں، جن کا اثر راست طور پر ایک انسان کی زندگی پر پڑتا ہے، دینی نقطۂ  نظر سے بھی یہ اس لیے مہلک ہے کہ شریعت ِ اسلامی میں فتنہ و فساد کا عمل ناقابل برداشت ہے، اس میں جس کی غیبت کی جا رہی ہے اس کی اذیت رسانی بھی ہے، جو ناجائز اور حرام ہے اور یہ ایسا عمل ہے جس کی خرابی اور گناہ ہونے کی طرف ذہن منتقل نہیں ہوتا، وہ مست ہو کر ایک بڑے گناہ میں مسلسل مشغول رہتا ہے۔ ظاہر ہے کہ جب کسی کو کسی حرکت کے غلط ہونے کی خبر نہ ہو یا دل میں اس کی اہمیت نہ ہو تو اس سے توبہ نصیب ہو گی اور نہ ہدایت کو قبول کرنے کی طرف دل مائل ہو گا۔ اس کے برخلاف نعوذ باللہ کوئی شخص شراب پیتا ہو، جو شخص ذرا بھی دین سے تعلق رکھنے والا ہے، وہ اس کو بری نگاہ سے دیکھے گا اور اس کو برا سمجھے گا، خود شراب پینے والا سوچے گا کہ مجھ سے بڑی غلطی ہو رہی ہے، میں ایک عظیم جرم کا مرتکب ہوں، اس کے دل میں ایک نہ ایک دن خدا کا خوف پیدا ہو گا اور توبہ کی توفیق ہو جائے گی، اس لیے کہ یہ شخص اپنے آپ کو غلط سمجھ رہا ہے، اسی طرح شراب پینے والے کے گناہ کا تعلق خود اس کی ذات سے ہے، وہ جب چاہے گا توبہ کرسکتا ہے، شراب نوشی بیشک گناہ ِ کبیرہ ہے، مگر یہ اس کے اور اس کے خدا کے درمیان کی بات ہے، اس کی معافی کے لیے کسی بندے کی رضامندی کی ضرورت نہیں، لیکن غیبت کا معاملہ اس لیے سنگین ہے کہ جس کی غیبت کی گئی ہے اس کی معافی کے بغیر محض توبہ سے یہ گناہ معاف نہیں ہوتا، اسی لیے احادیث ِ مبارکہ میں غیبت کے گناہ کو زنا سے بھی سخت گناہ قرار دیا گیا ہے۔ 
حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ اور حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: الغیبۃ اشدّ من الزنا ’’غیبت زنا سے بھی زیادہ سخت اور سنگین ہے، بعض صحابہؓ نے عرض کیا کہ یہ رسول اللہ! غیبت زنا سے زیادہ سنگین کیوں کر ہے؟ آپؐ نے فرمایا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ آدمی اگر بدبختی سے زنا کر لیتا ہے تو صرف توبہ کرنے سے اس کی معافی اور مغفرت اللہ کی طرف سے ہوسکتی ہے مگر غیبت کرنے والے کو جب تک خود وہ شخص معاف نہ کر دے جس کی اس نے غیبت کی ہے اس کی معافی اور بخشش اللہ تعالیٰ کی طرف سے نہیں ہو گی۔ ایک روایت میں ہے کہ غیبت کرنے والے کے لیے توبہ نہیں ہے۔ حضرات علماء اور محققین نے اس کا مطلب یہ بیان کیا ہے کہ غیبت اگرچہ اللہ کے نزدیک بڑا گناہ ہے مگر غیبت کرنے والا اس کو ایک ہلکی چیز سمجھتا ہے، کیوں کہ جب کوئی برائی عام ہو جاتی ہے تو اس کی قباحت دل سے نکل جاتی ہے اور لوگ اس میں مبتلا ہو جانے کی برائی کو محسوس نہیں کرتے، اس لیے توبہ کی توفیق بھی نہیں ہوتی اور زنا کرنے والا اپنے فعل شنیع پر نادم و پشیمان ہوتا ہے اور ایک وقت بے چین ہو کر توبہ کر لیتا ہے۔ (مرقاۃ المفاتیح: ۵/۱۶۷) 
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جس رات معراج میں مجھے اوپر لے جایا گیا، میرا گذر کچھ ایسے لوگوں پر ہوا جن کا ناخن سرخ تانبے کے تھے، جن سے وہ اپنے چہروں اور اپنے سینوں کو نوچ نوچ کر زخمی کر رہے تھے، میں نے جبرئیل ؑ سے پوچھا کہ یہ کون لوگ ہیں جو ایسے سخت عذاب میں مبتلا ہیں ؟ جبرئیل ؑ نے بتایا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو زندگی میں لوگوں کے گوشت کھایا کرتے تھے، (یعنی اللہ کے بندوں کی غیبتیں کیا کرتے تھے) اور ان کی آبروؤں سے کھیلتے تھے۔ (ابوداؤد) 
غیبت کرنے والے کے لیے عالم ِ برزخ میں خاص طور سے یہ سزا اس لیے تجویز کی گئی کہ دنیوی زندگی میں یہ مجرمین اللہ کے بندوں کا گوشت نوچا کرتے تھے اور غیبت کے ذریعہ لوگوں کی عزت و آبرو سے کھیلا کرتے تھے، جو اللہ تعالیٰ کی نظر میں انتہائی ناپسندیدہ حرکت ہے۔ 
غیبت اور طعن و تشنیع پر اس قدر شدید وعید کے باوجود ہماری کوئی مجلس اور کوئی محفل اس سے خالی نہیں، کیا علماء اور کیا جاہل، کیا امراء اور کیا نادار اور غرباء، کیا مرد اور کیا عورت، کوئی ایسا طبقہ نہیں ہے جس میں یہ گناہ نہ پایا جاتا ہو، دانستہ اور نادانستہ کسی نہ کسی طریقے سے عام لوگ اس کے شکار ہیں، گویا غیبت کا ایک رواج چل چکا ہے، کہیں کسی کے مسلک کی تحقیر کی جا رہی ہے تو کہیں خاندان اور نسب کی، کہیں کسی کے لباس اور وضع قطع کا مذاق اڑایا جا رہا ہے اور کوئی کسی کے اخلاق، چال چلن اور عادات و اطوار کا شکوہ کر رہا ہے۔ ظاہر ہے کہ ان سب کا مقصد دوسروں کی تحقیر، تذلیل اور طعن و تشنیع کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہوتا، جو نہ صرف ناجائز بلکہ حرام اور گناہ ِ عظیم کا موجب ہے۔ اصلاح اگر مقصد اور مطلوب ہو تو کسی کے پیٹھ پیچھے اس کی شکایت اور اس کے عیوب کے اظہار سے اصلاح نہیں ہوتی، واقعتاً کسی میں کوئی خرابی ہے، چاہے وہ خرابی جس طرح کی بھی ہو، اگر ہمدردی اور اصلاح مطلوب ہے تو راست طور پر اس سے وہ بات کہی جائے تاکہ وہ اپنے اعمال و افعال پر نظر ثانی کرسکے اور اگر کسی نے تنبہ کے باوجود بھی اپنی حرکتوں میں کوئی تبدیلی پیدا نہیں کی، تو اس کا معاملہ اس کے ساتھ ہے، وہ اپنے اعمال کا حساب و کتاب خود اللہ کے یہاں دے گا، اس کی بداعمالیوں کی سزا دوسروں کو نہیں دی جائے گی۔ اللہ تعالیٰ نے سورہ بقرہ آیت ۱۴۱ میں یہ اصول بیان کیا ہے ’’یہ ایک جماعت ہے جو گذر چکی، ان کا کیا ہوا ان کے آگے آئے گا اور تمہارا کیا ہوا تمہارے آگے آئے گا اور جو کچھ وہ کرتے رہے اس کی پوچھ گچھ تم سے نہ ہو گی۔‘‘ یعنی ہر ایک کا عمل اس کے ساتھ ہے، لہٰذا انسان کو اپنا عمل بہتر بنانے کی فکر کرنی چاہیے، دوسروں کے عمل خیر اور شر سے کیا تعلق؟ ہاں، اگر امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا ارادہ ہو تو یہ پاکیزہ ارادہ ہے، لیکن اس کے لیے غیبت کی راہ اختیار نہیں کی جا سکتی اور نہ یہ اس باب میں کچھ مفید ہے۔ 
اس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ دنیا میں ہر شخص گنہگار اور خطاکار ہے، کوئی انسان عیوب سے پاکی کا دعویٰ نہیں کرسکتا، دوسروں کی برائی بیان کرتے ہوئے اگر اپنے گناہوں اور نقائص پر نظر ہو تو سامنے والے شخص سے زیادہ خود اپنے اندر عیوب نظر آئیں گے، اس لیے ہمیشہ انسان کو خداترسی اور حقیقت بینی سے کام لینا چاہیے اور غیبت، تحقیر و تذلیل سے مکمل دور رہنا چاہیے کہ یہ کبر و غرور اور شیطانی خطوط پر عمل کا نتیجہ ہے اور اگر خدا کے فضل سے ظاہری طور پر ہمارا عمل بہتر اور دوسرے کا ناقص ہو تو بھی زبان پر مکمل قابو رکھا جائے، کم از کم اس خوف سے ہی سہی کہ جو خوبیاں میرے اندر ہیں دوسروں کو کمتر اور حقیر سمجھنے اور ان کی غیبت کے پاداش میں یہ چھین لی جائیں اور دوسرے ہم سے بہتر ہو جائیں، کسی سے خواہ کتنا ہی عداوت اور دشمنی کیوں نہ ہو اس کی غیبت اور اس کی عزت و آبرو کو برسرراہ نیلام کرنے کی شریعت نے قطعاً اجازت نہیں دی ہے۔ 
بعض لوگ یہ کہتے ہوئے غیبت کرتے ہیں کہ یہ باتیں میں اس کے سامنے بھی بول سکتا ہوں، مقصد یہ ہے کہ جب میں یہ بات اس کے منہ پر کہہ سکتا ہوں تو میرے لیے یہ غیبت کرنا جائز ہے، یہ سوچ غلط ہے، صحیح یہ ہے کہ پیٹھ پیچھے بولے جانے کی وجہ سے اسے بھی غیبت کہا جائے گا اور یہ بھی گناہ ِ کبیرہ میں داخل ہے اور اگر کسی کے منہ پر اس کے کسی عیب کو اس طرح بیان کیا جائے جس سے اس کو ناگواری اور دل شکنی ہو تو یہ ایک طرح کی بے حیائی، سنگدلی اور ایذاء رسانی ہے کہ یہ اور بھی سخت گناہ ہے۔ بہرحال ایک مسلمان کو غیبت، شکوہ و شکایت اور طعن و تشنیع سے مکمل پرہیز کرنا چاہیے کہ اسی میں دین و ایمان کی حفاظت ہے، اگر کسی مجلس میں غیبت ہو رہی ہو تو اس میں گفتگو کا رخ بدلنے کی کوشش کریں، کوئی دوسرا موضوع چھیڑدیں، اگر گفتگو کا رخ بدلنے میں کامیابی نہ ملے تو پھر اس مجلس سے اٹھ کر چلے جائیں، اس لیے کہ یہ غیبت کرنا بھی حرام ہے اور اس کا سننا بھی حرام ہے، البتہ بعض مواقع پر حقیقت ِ حال کے اظہار کے لیے دوسرے کی برائی کا اظہار جائز قرار دیا گیا ہے، جیسے کسی ظالم کی شکایت کسی ایسے شخص کے سامنے کرنا جو ظلم کو دفع کرسکے، یا کسی واقعے سے متعلق فتویٰ لینے کے لیے صورتِ حال کا اظہار، کسی کی اولاد یا بیوی کی شکایت اس کے باپ اور شوہر کے سامنے جو اس کی اصلاح کرسکے، یا مسلمانوں کو کسی شخص کے دینی یا دنیوی شر سے بچانے کے لیے کسی کا حال بتانا۔ حضرات محدثین کا غیر ثقہ اور غیر عادل راویوں پر جرح کرنا اور دین و شریعت کے محافظ علمائے حق کا اہل باطل کی غلطیوں پر لوگوں کو مطلع کرنا اسی قبیل سے ہے، غرض ایسی ضرورت کے وقت جس کو شریعت نے معتبر مانا ہے کسی کی خرابی، برائی اور عیوب بتائے جا سکتے ہیں جب کہ نیت صالح اور نیک ہو، اللہ تعالیٰ تمام دلوں کے حال اور مقاصد و اغراض سے خوب اچھی طرح واقف ہے۔ ضرورت ہے کہ برائیوں سے اجتناب کیا جائے کہ ان سے دل میں ظلمت پیدا ہوتی ہے اور مزید دوسرے گناہوں کا شوق پیدا ہوتا ہے۔ ایک انسان کی یہ کوشش رہے کہ اگر اپنے قول، فعل یا کسی حرکت کے ذریعہ کسی کو تکلیف پہنچا دی ہے یا کسی کی غیبت کی ہے تو اللہ کے حضور صدق دل سے توبہ کرے اور راست طور پر اس شخص سے معافی تلافی کر لے کہ آج اس کا وقت باقی ہے، آج عمل ہے حساب نہیں اور قیامت کے دن حساب ہو گا وہاں کوئی عمل یا گناہوں سے نجات اور توبہ کے مواقع میسر نہیں ۔ 
٭٭٭




مثبت انداز ِ فکر اختیار کیجیے 

ہندوستان کے مشہور عالم ِ دین و مؤرّخ مولانا عبد الحئ لکھنویؒ کے بیان کے مطابق پہلے زمانے میں ایک بزرگ تھے، جو بڑے عالم، فاضل، محدث اور مفسر تھے، ساری عمر درس و تدریس اور تصنیف و تالیف میں گزری تھی، جب ان کا انتقال ہوا، تو خواب میں کسی نے ان کو دیکھا کہ بڑے ہشاش بشاش اور خوش نظر آرہے ہیں، پوچھا کہ حضرت! آپ کے ساتھ کیسا معاملہ ہوا؟ فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ مجھ پر اپنا فضل فرمایا، لیکن معاملہ بڑا عجیب ہوا، وہ یہ کہ میرے ذہن میں یہ تھا کہ میں نے الحمد للہ زندگی میں دین کی بڑی خدمت کی ہے، درس و تدریس، تصنیف و تالیف اور وعظ و تقریر کا ایک بڑا ذخیرہ میرے نامۂ  اعمال میں جمع ہو گا، جس کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ اپنا فضل و کرم فرمائیں گے، لیکن جب اللہ کے دربار میں پیشی ہوئی تو اللہ نے فرمایا: ہم تجھے بخشتے ہیں مگر ان خدمات کے سبب نہیں جو تیرے ذہن میں ہیں کہ تم نے اپنی زندگی میں دین کی فلاں فلاں خدمت کی ہے، بلاشبہ یہ بھی اپنی جگہ اہمیت کی حامل ہے، لیکن آج تیری بخشش کا سبب کچھ اور ہے اور وہ یہ ہے کہ ایک دن تو کچھ لکھ رہا تھا، (اس زمانے میں لکڑی کے قلم ہوتے تھے، اس قلم کو روشنائی میں ڈبو کر پھر لکھا جاتا تھا) تو نے لکھنے کے لیے اپنا قلم روشنائی میں ڈبویا، اس وقت ایک مکھی اس قلم پر بیٹھ گئی اور وہ مکھی قلم کی سیاہی چوسنے لگی، تم اس مکھی کو دیکھ کر کچھ دیر کے لیے رک گئے اور سوچنے لگے کہ یہ مکھی پیاسی ہے، اس کو پہلے روشنائی پی لینے دو، پھر میں لکھوں گا، اس لیے کہ اگر میں ابھی قلم کو حرکت دوں گا تو مکھی اڑ جائے گی پھر اس کی پیاس بجھ نہیں سکے گی، تو نے جو اس وقت قلم کو روکا تھا وہ خالصتاً میری محبت اور میری مخلوق کی محبت میں اخلاص کے ساتھ روکا تھا، اس وقت تیرے دل میں کوئی اور جذبہ نہیں تھا، جا اس عمل کے بدلے تیری مغفرت کر دی گئی۔ (اصلاحی خطبات) 
انبیائے کرام علیہم السلام کے علاوہ کسی کا خواب حجت ِ شرعی تو نہیں لیکن مخلوق کے ساتھ ہمدردی، محبت اور جذبۂ  خدمت کے مضامین سے ضرور اس کی تائید ہوتی ہے۔ اس طرح کا چھوٹا اور معمولی عمل بھی کبھی کبھی بڑی تبدیلی کا ذریعہ بن جاتا ہے، جیسا کہ بخاری شریف کی ایک روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک فاحشہ عورت نے ساری زندگی برا کام کیا، لیکن ایک دن راستے میں گذرتے ہوئے ایک کتے پر نظر پڑی، جو پیاس کی شدت سے تڑپ رہا تھا، وہیں قریب میں ایک کنواں تھا، اس عورت نے اپنے پاؤں سے چمڑے کا موزہ اتارا اور اس کے ذریعے کسی طرح پانی نکال کر کتے کی پیاس بجھائی، اللہ کو یہ عمل اتنا پسند آیا کہ اس کی مغفرت فرمادی۔ اس کے برعکس ایک عورت نے بلی پر ظلم کیا، یہ عورت صالحہ تھی، لیکن اس جرم کی وجہ سے اسے جہنم کا مستحق قرار دیا گیا۔ متعدد احادیث میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جانوروں کو ستانے، ناحق مارنے اور ان کو تکلیف پہنچانے سے منع فرمایا ہے۔ انسانوں کے ساتھ یہ ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے، مسلم ہو یا غیرمسلم ہر ایک کے ساتھ اخلاق و انسانیت سے پیش آنے کی تاکید کی گئی ہے۔ ایک بھائی کے دل و دماغ میں جس طرح اپنے حقیقی بھائی کی محبت اور ہمدردی پوشیدہ رہتی ہے اسی طرح ایک مسلمان کو عام مسلمانوں کے ساتھ ہمدردی اور محبت کے معاملات کرنے چاہئیں ۔ کسی مسلمان بھائی کو کوئی ضرورت پیش آ جائے تو اس کی ضرورت اور حاجت میں سہارا دینا، اس کے کام میں از راہ ِ ہمدردی ہاتھ بٹانا بڑے اجر و ثواب کا موجب قرار دیا گیا ہے۔ ایک موقع پر آپؐ نے ارشاد فرمایا: من فرج عن مسلم کربۃ فرج اللّٰہ عنہ کربۃ من کرب یوم القیامۃ۔ (ابوداؤد، کتاب الادب) ’’اگر کسی نے کسی مسلمان کی مصیبت کو دور کر دیا تو اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کی مصیبت اور پریشانی کو دور فرمائیں گے۔‘‘ ایک دوسری حدیث میں یہ الفاظ ہیں : من کان فی حاجۃ اخیہ کان اللّٰہ فی حاجتہ۔ یعنی جو شخص جتنی دیر اپنے بھائی کے کام بنانے اور حاجت پوری کرنے میں لگا رہے گا اللہ تعالیٰ اس وقت تک اس کی حاجت پوری کرتے رہیں گے۔ ان ارشادات کا مقصد خدمت ِ خلق، ہمدردی و محبت اور حسن سلوک کے جذبے کو ابھارنا ہے کہ ایک انسان کے دل میں دوسروں کے تئیں ہمدردی اور غمخواری پائی جائے، جس میں محبت و ہمدردی کا جذبہ نہ ہو وہ بزرگ اور اللہ کا ولی تو کیا ایک انسان بھی کہلانے کا حق نہیں رکھتا۔ مولانا رومیؒ فرماتے ہیں کہ لوگوں نے تصوف اس کا نام رکھ لیا ہے کہ ہاتھ میں تسبیح ہو، مصلیٰ بچھا ہوا ہو، درویشانہ لباس ہو، حالانکہ ان چیزوں کا نام تصوف اور طریقت نہیں ہے بلکہ تصوف اور طریقت اس کے علاوہ کچھ بھی نہیں کہ تو مخلوق کی خدمت کرے، اس کے ساتھ ہمدردی اور غمگساری کا معاملہ کرے، محتاجوں اور بیکسوں کی مدد کرے۔ 
اس میں حکمت یہ ہے کہ تمام مخلوقات اللہ تعالیٰ کی بنائی ہوئی ہیں، جب کوئی شخص محنت سے کوئی چیز تیار کرتا ہے تو اس سے بڑی محبت ہوتی ہے اور وہ یہ چاہتا ہے کہ اس کو کوئی نقصان نہ پہنچائے، اللہ تعالیٰ نے بڑے پیار و محبت سے انسان اور دیگر مخلوقات کو بنایا ہے، اس لیے ان کے ساتھ ہمدردی کرنے والا اللہ کی نظر میں محبوب ہوتا ہے اور جو ناانصافی اور ظلم کرتا ہے اللہ تعالیٰ اسے محبت کی نظر سے نہیں دیکھتے کہ اس نے مخلوقِ خداوندی کے ساتھ ظلم کر کے خدا کو ناراض کر دیا، خاص طور پر انسان جو اشرف المخلوقات ہے اس کے ساتھ ظلم اور ناروا معاملہ غضب ِ الٰہی کو دعوت دیتا ہے۔ جب حضرت نوح علیہ السلام کی قوم پر طوفان آچکا، ساری قوم اس طوفان کے نتیجے میں ہلاک ہو گئی، اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے وحی کے ذریعے حضرت نوح علیہ السلام کو حکم دیا کہ اب تمہارا کام یہ ہے کہ تم مٹی کے برتن بناؤ، چنانچہ حضرت نوح علیہ السلام تعمیل حکم میں مٹی کے برتن بنانا شروع کر دیے، دن رات محنت کے بعد برتنوں کا جب ڈھیر جمع ہو گیا تو دوسرا حکم اللہ کی طرف سے یہ دیا گیا کہ ان سب برتنوں کو ایک ایک کر کے توڑ دو۔ حضرت نوح علیہ السلام نے عرض کیا کہ یا اللہ! بڑی محنت سے میں نے آپ کے حکم پر یہ برتن بنائے تھے، اب آپ ان کو توڑنے کا حکم دے رہے ہیں، ارشاد ہوا کہ ہمارا یہی حکم ہے کہ ان برتنوں کو توڑ دو۔ حضرت نوح علیہ السلام نے دل سے نہ چاہتے ہوئے بھی تمام برتنوں کو توڑ دیا، کہ یہ اللہ کا حکم تھا، حکم ِ الٰہی کے سامنے سرتسلیم خم نہ کرنا شانِ نبوت کے خلاف ہے، برتن توڑ دینے کے بعد اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اے نوح! تم نے اپنے ہاتھوں سے یہ برتن بنائے اس لیے تجھے اتنی محبت ہو گئی تھی کہ تم سے توڑا نہیں جا رہا تھا، لیکن تم نے ہمیں نہیں دیکھا کہ ساری مخلوق ہم نے اپنے ہاتھ سے بنائی اور تم نے ایک مرتبہ کہہ دیا: رَبِّ لَاتَذَرْ عَلی الْاَرْضِ مِنَ الْکَافِرِیْنَ دَیَّاراً۔ (سورۃ نوح: ۲۳) ’’اے میرے پروردگار! زمین میں بسنے والے سب کافروں کو ہلاک کر دے اور ان میں سے کوئی باقی نہ رہے۔‘‘ تمہارے اس کہنے پر ہم نے طوفان سے اپنی مخلوق کو ہلاک کر دیا، اشارہ اس بات کی طرف تھا کہ برتن تم نے اپنی خواہش سے نہیں میرے حکم سے بنائے تھے اور تجھے محض تھوڑی محنت کی وجہ سے اس قدر محبت ہو گئی تھی، تو اندازہ کرو کہ مجھے اپنی مخلوق سے کتنی محبت ہو گی، جسے میں نے محض اپنے منشا سے پیدا کیا۔ 
سورۂ  حجرات آیت ۱۱، ۱۲ میں مسلمانوں کو چند ہدایات دی گئی ہیں : (۱) کوئی مرد یا عورت کسی کا مذاق نہ اڑائے، (۲) کسی کی عیب جوئی نہ کرے، (۳) کسی دوسرے کو برے لقب سے نہ پکارے، (۴) بدگمانی نہ کرے، (۵) تجسس اور ٹوہ میں نہ پڑے، (۶) کوئی کسی کی غیبت نہ کرے۔ ان مذکورہ چیزوں سے سامنے والے کی اذیت رسانی ہوتی ہے، اس لیے ان کی مذمت بیان کی گئی ہے اور ان سے مسلمانوں کو سختی سے روکا گیا ہے۔ احادیث کی تقریباً تمام کتابوں میں الگ الگ عنوان سے مستقل ابواب کے تحت ان امور پر وعیدیں بیان کی گئی ہیں، اس لیے کہ یہ مخربِ اخلاق ہونے کے ساتھ ساتھ اللہ کے بندوں کی دل شکنی کے ذرائع ہیں، جن کی اسلام نے قطعاً اجازت نہیں دی ہے، لیکن آج مسلم معاشرہ اور اپنے سماج میں غور کیا جائے تو انسانی ہمدردی، محبت اور جذبۂ  اخوت کا فقدان نظر آئے گا، ہر شخص ایک دوسرے کے خلاف ذہن رکھتا ہے۔ منفی سوچ اور مخالفانہ ذہنیت ایسی بری عادت ہے جس کے سبب تمام گناہ انجام پاتے ہیں، قتل و غارت گری، حسد، دشمنی، عداوت، لڑائی جھگڑے تمام چیزیں منفی سوچ کی پیداوار ہیں ۔ شریعت نے ہمدردی اور جذبۂ  اخوت کی تعلیم کے ذریعے گویا مثبت سوچ اور مثبت انداز ِ فکر کی ہدایت دی ہے۔ ایک مسلمان اگر ترقی پر ہے، رہائش اچھی ہے، تجارت بھی ترقی پذیر ہے تو اسے دیکھ کر خوش ہونا چاہیے کہ ایک مسلمان بھائی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، بلکہ بہ ضرورت اس کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے، اس کے ساتھ ہی شیریں زبانی، مسرت کا اظہار، مثبت سوچ کی دلیل ہے اور اگر آپ اس کے مال و دولت، اچھے کاروبار، ترقی و مسرت کو دیکھ کر جلنے لگیں، اس کے تئیں دل میں حسد پیدا ہو اور ذہن میں اس کے تئیں برے خیالات پیدا ہوں تو یہ منفی سوچ ہے، جس سے اسلام نے منع کیا ہے۔ اسی طرح اہل علم، اہل ہنر، صاحب ِ عزت و جاہ کو دیکھ کر ایک مسلمان کو خوش ہونا چاہیے۔ بعض لوگوں کے لیے یہ ناقابل برداشت ہوتا ہے کہ ان کے پاس پڑوس اور قرب و جوار میں کوئی ترقی کرے، عزت و ناموری کی زندگی گذارے، بلکہ خواہش یہ ہوتی ہے کہ میرے علاوہ کوئی سکھ اور چین کی زندگی نہ گذارے، عزت و دولت میں مجھ سے کوئی آگے نہ بڑھے اور اگر کوئی آگے ہے تو اس کی عزت و آبرو کسی طرح نیلام ہو جائے۔ یہ منفی سوچ ہے، یہ طریقہ بہتر نہیں ہے، اس سے انسان کبھی آگے نہیں بڑھتا بلکہ اور نیچے چلا جاتا ہے۔ مثبت انداز ِ فکر میں ہمدردی اور بھائی چارگی ہوتی ہے، اس کو اسلام نے پسند کیا ہے اور اس انداز سے ایک آدمی بہت جلد ترقی کرتا ہے اور اللہ کی رضامندی اور اجر و ثواب بھی حاصل ہوتا ہے۔ 
ایک حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: کن عالما او متعلما او محبا و لا تکن الخامسۃ و الخامسۃ ان یبغض العلم و اہلہ۔’’تم علم کے جاننے والے بنو یا علم کے سیکھنے والے، یا علم سکھانے والے، یا علم سے محبت کرنے والے اور پانچویں نہ ہو، ورنہ ہلاک ہو جاؤ گے اور پانچویں یہ ہے کہ علم اور اہل علم سے بغض رکھا جائے۔‘‘ اس ارشاد میں آپؐ نے مثبت پہلو کے چار درجے بیان کیے ہیں، پانچواں درجہ منفی ہے، یعنی خود عالم اور ہنرمند ہونے کے بجائے اہل علم و ہنر سے بغض و عداوت کا معاملہ کیا جائے، اس لیے اس سے منع کیا گیا کہ منفی سوچ خود اس کے حق میں مہلک ہوا کرتا ہے۔ ایک موقع پر ایک یہودی نے ایک صحابی کے سامنے حضرت موسیٰ علیہ السلام کی فضیلت بیان کی اور ان کو سارے جہاں پر فوقیت دی، تو صحابی سے برداشت نہ ہوا، کیوں کہ ایک مسلمان کا عقیدہ ہے کہ سب سے افضل خاتم النبیین رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہیں، یہودی کے طرز ِ تکلم سے حضرت موسیٰ علیہ السلام کی افضلیت کا احساس ہو رہا تھا، اس لیے اس صحابی نے یہودی کے چہرے پر طمانچہ مار دیا، یہودی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور واقعہ بیان کیا۔ اس صحابی سے جب معاملے کی تصدیق ہو گئی تو آپؐ نے ناراضگی کا اظہار فرمایا۔ (تفصیل کے لیے دیکھئے مشکوٰۃ صفحہ: ۵۰۷) اس میں کوئی شک نہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے محبوب اور سب سے افضل رسول ہیں، لیکن صحابی کا یہ انداز جس سے منفی سوچ کا اندازہ ہو رہا تھا، مناسب نہیں تھا، اس لیے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے اولوالعزم پیغمبر ہیں اور ان کے بھی بڑے فضائل احادیث میں وارد ہوئے ہیں ۔ ان کی فضیلت اور نام سنتے ہی طمانچہ مارنا بہتر نہیں تھا، اس لیے آپؐ نے اس سے منع فرمایا۔ 
کسی کی بات پر بے جا تنقید، طعن و تشنیع، عیب جوئی وغیرہ بھی منفی سوچ کا اثر ہے، اس لیے شریعت نے ان امور سے منع کیا ہے اور یہ ہدایت دی ہے کہ ایک شخص کو دوسروں کے عیوب تلاش کرنے سے پہلے اپنے عیوب پر نظرکرنی چاہیے، جب اپنی خرابیوں پر نظر رہے گی تو زبان پر دوسروں سے متعلق تنقیدی جملے نہیں آئیں گے، اس لیے کہ جب کسی کے پیٹ میں درد ہو تو وہ خود پریشان رہتا ہے، دوسروں کے امراض اور نقائص سے اسے کیا مطلب؟ بہادر شاہ ظفر مرحوم نے کہا تھا: 
تھے جو اپنی برائی سے بے خبر رہے اوروں کے ڈھونڈتے عیب و ہنر 
پڑی اپنی برائیوں پر جو نظر  تو نگاہ میں کوئی برا نہ رہا 
جو لوگ دوسروں پر تنقید کرتے اور برا بھلا کہتے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ ان کی نگاہ اپنی برائیوں پر نہیں ہے اور اگر ہے بھی تو نظرانداز کر دیا ہے، جس کے سبب دوسروں پر طعن و تشنیع اور تنقید کی جا رہی ہے، ایک آدمی کا کام یہ ہے کہ ہر وقت یہ فکر کرے کہ میرے اندر کون سا عیب ہے؟ کون سا گناہ ہے؟ اس کو کس طرح کروں اور کس طرح اللہ کی رضامندی حاصل کروں، دوسرے میں کوئی خرابی یا کوئی عیب ہے تو اس کے دور کرنے کی میری ذمہ داری نہیں اور نہ اس کے بارے میں مجھ سے قیامت کے دن سوال کیا جائے گا۔ ارشاد ِ باری ہے: یٰاَیُّہَا الَّذِیْنَ آمَنُوْا عَلَیْکُمْ اَنْفُسَکُمْ لَایَضُرُّکُمْ مَنْ ضَلَّ اِذَاہْتَدَیْتُمْ اِلَی اللّٰہِ مَرْجِعُکُمْ جَمِیْعًا فَیُنَبِّئُکُمْ بِمَا کُنْتُمْ تَعْمَلُوْنَ۔ (سورہ آلِ عمران: ۱۰۵) ’’اے ایمان والو! تم پر اپنے نفس کی اصلاح لازم ہے، جب تم صحیح راہ پر چل رہے ہو، تو جو شخص گمراہ رہے تو اس سے تمہارا کوئی نقصان نہیں، اللہ ہی کے پاس تم سب کو جانا ہے، پھر وہ تم سب کو بتا دیں گے جو کچھ تم کیا کرتے تھے۔‘‘ 
واضح رہے کہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر اپنی جگہ پر لازم اور اس امت کا فریضہ ہے، مگر اس کے لیے تنقید، طعن و تشنیع کا پہلو نہیں اپنایا جا سکتا۔ تفسیر درّ منثور میں حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کا واقعہ نقل کیا گیا ہے کہ ان کے سامنے کسی نے یہ سوال کیا کہ فلاں فلاں حضرات میں باہمی سخت جھگڑا ہے، ایک دوسرے کو مشرک کہتے ہیں، تو حضرت ابن عمرؓ نے فرمایا کہ کیا تمہارا یہ خیال ہے کہ تمہیں یہ کہہ دوں گا کہ جاؤ ان لوگوں سے قتال کرو، ہرگز نہیں، جاؤ ان کو نرمی کے ساتھ سمجھاؤ، قبول کریں تو بہتر اور نہ کریں تو ان کی فکر چھوڑ کر اپنی فکر میں لگ جاؤ، پھر یہی آیت آپؓ نے جواب کی شہادت میں تلاوت فرمائی۔ (معارف القرآن: ۳/۲۵۱) 
اسی طرح علمی تنقید و جرح کی اجازت ہے۔ حضرات محدثین کا جرح و تعدیل اسی باب سے تعلق رکھتا ہے اور آج تک ہر دور میں علمی تنقید و تبصرے کا سلسلہ رہا ہے، اسے کوئی برا نہیں سمجھتا اور نہ اس کی ممانعت ہے، لیکن اگر عار دلانا، بے عزت کرنا، آبروریزی اور عیب جوئی کرنا مقصد ہو تو پھر یہ ناجائز اور حرام ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: ’’اگر کوئی شخص اپنے بھائی کو ایسے گناہ پر عار دلائے جس گناہ سے توبہ کر چکا تھا تو یہ شخص اس وقت تک نہیں مرے گا جب تک خود عار دلانے والا اس گناہ میں مبتلا نہیں ہو جائے گا۔‘‘ (ترمذی) ایک موقع پر آپؐ نے یہ بھی فرمایا: إذا قال الرجل ہلک الناس فہو اہلکہم۔ (صحیح مسلم) یعنی اگر کوئی آدمی یہ کہے کہ لوگ ہلاک اور برباد ہوئے تو اس طرح کہنے والا سب سے زیادہ ہلاک ہونے والا ہو گا۔ یہ حدیث عام ہے، عقائد، عبادات، معاملات و معاشرت کسی بھی شعبۂ  زندگی میں دوسرے کو ہلاک اور برباد ہونے سے تعبیر کیا جائے اور اپنے آپ کو نجات پانے والا، با عزت تصور کرے تو دوسرے کو از راہ ِ حقارت و تنقیص کہنے والا آدمی خود اس کا شکار ہو جائے گا اور اس سے بری حالت اسی کی ہو گی، اس لیے لازم ہے کہ سب سے پہلے اپنی اصلاح کی فکر کی جائے اور عام مسلمانوں کے ساتھ ہمدردی، غمخواری اور خیرخواہی کی جائے، کہ اسی سے اتحاد اور یگانگت کا ماحول تشکیل پا سکتا ہے جس کی دور ِ حاضر میں سخت ضرورت ہے۔ 
٭٭٭



جذبات کو قابو میں رکھیے!

زندگی میں بیشتر ایسے واقعات پیش آتے ہیں جن میں انسان جذبات سے مغلوب ہو جاتا ہے اور غیظ و غضب سے رگیں پھڑکنے لگتی ہیں ۔ دل چاہتا ہے کہ فوری طور پر انتقامی کارروائی کی جائے، جیسا بھی ہوسکے سامنے والے کو اپنی برتری اور طاقت کا ایسا کرشمہ دکھایا جائے کہ دشمن طاقتیں ہمیشہ کے لیے زیر ہو جائیں ممکن ہے اس سے ذہنی و قلبی سکون ملے اور مختلف خطرات سے نجات بھی، مگر اسلام نے جذبات میں آ کر کسی فیصلہ کی اجازت نہیں دی ہے، تمام ایسے مواقع پر جہاں انسان عام طور پر بے قابو ہو جاتا ہے، شریعت نے اپنے آپ کو قابو میں رکھنے، عقل و ہوش سے کام کرنے اور واقعات سے الگ ہو کر واقعات کے بارے میں سوچنے اور غور و فکر کرنے کی دعوت دی ہے جس کو قرآن کی اصطلاح میں صبر کہا جاتا ہے۔
قرآن میں ’’ صبر‘‘ مختلف معانی میں استعمال کیا گیا ہے، اس کا ایک معنی یہ بھی ہے کہ برائی کرنے والوں کی برائی اور بدخواہ لوگوں کے قصور کو معاف کیا جائے یعنی حاسدین اور دشمنوں کے تکلیف دہ کاموں پر غصہ اور اشتعال کے بجائے تحمل، بردباری اور برداشت سے کام لیا جائے، ارشادِ باری ہے: وَ لَاتَسْتَوِیْ الْحَسَنَۃُ ولا السَّیِّئَۃُ اِدْفَعْ بالَّتِی ھِیَ اَحْسَنُ فَإذَا الَّذِیْ بَیْنَکَ وَبیْنَہٗ عَدَاوَۃٌ، کَاَنَّہٗ وَلِیٌّ، حَمِیمٌ، وَ مَا یُلَقّٰھَا اِلَّا الَّذِیْنَ صَبَرُوْا وَ مَا یُلَقّٰہَا اِلاَّ ذُوْ حَظٍّ عَظِیْم۔ (سورہ فصلت: ۳۴) اور بھلائی اور برائی برابر نہیں اگر کوئی برائی کرے تو اس کا جواب اچھائی سے دو، پھر تو تیرے اور جس کے درمیان دشمنی ہے وہ ایساہو جائے گا گویا دوست ہے ناتے والا اور یہ بات ملتی ہے انہیں کو جنہیں صبر ہے اور یہ بات ملتی ہے اس کو جس کی بڑی قیمت ہے۔
حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے اس آیت کی تفسیر میں منقول ہے کہ خدا نے اس آیت میں ایمان والوں کو غیظ و غضب میں صبر کا اور نادانی و جہالت کے وقت حلم و بردباری کا اور برائی کے مقابلہ میں عفو و درگذر کا حکم دیا ہے جب وہ ایسا کریں گے تو خدا ان کو شیطان کے اثر سے محفوظ رکھے گا۔ (تفسیر کبیر: ۱۳/۶۴۰)
معلوم ہوا کہ غصہ اور اشتعال شیطانی اثر ہے، شیطان انسان کو مختلف تدابیر کے ذریعہ ابھارنا چاہتا ہے تاکہ وہ جذبات میں آ کر کوئی ایسا کام کر بیٹھے جو اس کے لیے دور رس نقصانات کا باعث بنے، اسی لیے قرآن نے ہمیشہ عفو و درگذر کی تعلیم دی ہے اور یہ پیغام دیا ہے کہ معاف کرنے والوں کے لیے آخرت میں بڑا اجر ہے۔ بدخواہ اور حاسدین دنیا میں جتنا چاہیں تمسخر اور مذاق اڑا لیں، ایک دن ضرور ان کو اپنے کیے ہوئے پر افسوس کا اظہار کرنا ہو گا، دنیا میں اگر کسی مصلحت کے سبب نجات مل بھی گئی تو قیامت جو عدل و انصاف کا دن ہے، وہاں پر ہر ایک کو اچھے اور برے عمل کا بدلہ مل کر رہے گا۔ خدا نے اپنا یہ فیصلہ ان الفاظ میں سنایا ہے : قُلْ لِلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا یَغْفِرُوْا لِلَّذِیْنَ لَایَرْجُوْنَ اَیَّامَ اللّٰہِ لِیَجْزِیَ قَوْمًا بِمَاکَانُوْا یَکْسِبُوْنَ مَنْ عَمِلَ صَالِحًا فَلِنَفْسِہٖ وَ مَنْ اَسَاءَ فَعَلَیْھَا ثُمَّ اِلٰی رَبِّکُمْ تُرْجَعُوْنَ۔ (سورہ جاثیہ: ۲۴) ’’ ایمان والوں سے کہہ دیجئے کہ ان کو جو اللہ کے جزا و سزاکے واقعات پر یقین نہیں رکھتے معاف کر دیا کریں تاکہ لوگوں کو ان کے کاموں کا بدلہ ملے، جس نے اچھا کیا اس نے اپنے بھلے کے لیے کیا اور جس نے برا کیا اس نے اپنا برا کیا، پھر تم اپنے پروردگار کے پاس لوٹائے جاؤ گے‘‘ اس آیت کے شان نزول میں لکھا ہے کہ کسی منافق یا کافر نے کسی مسلمان سے کوئی بدتمیزی کی بات کہی تھی، اس سے بعض مسلمانوں کو طیش آیا، تو اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی اور مسلمانوں کو عفو و درگذر کی نصیحت کی گئی۔ (تفسیر کبیر ۱۴/ ۱۷۳)
اس مفہوم پر مشتمل متعدد آیات قرآن میں نازل کی گئی ہیں جن میں مختلف پیرا یہ سے  جذباتیت کے بدلے حقیقت پسندی، غصہ اور اشتعال کے بجائے صبر و تحمل اور انتقامی کارروائی چھوڑ کر بردباری اور قوت برداشت کی صفت اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ صبر کا راستہ جنت کا راستہ ہے اور کسی ناخوشگوار واقعہ پر کسی بھائی کے خلاف نفرت اور انتقام کی آگ بھڑک اٹھنا شیطانی راستہ ہے اور شیطان انسان کا ازلی دشمن ہے، اس لیے اس سے جہاں تک ہوسکے پرہیز کرنا چاہیے۔ (سورہ فاطر: ۶)
حضرت معاذ بن انسؓ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جو شخص اپنا غصہ اتارنے اور بدلہ لینے پر قادر ہو اور اس کے باوجود وہ اپنے غصہ کو دبائے اور قابو میں رکھے تو اللہ تعالیٰ اس کو قیامت کے دن مخلوق کے سامنے بلائیں گے اور اختیار دیں گے کہ وہ جنت کی آہو چشم حوروں میں سے جس کو چاہے لے لے۔ (ترمذی)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا یا رسول اللہ! آپ مجھے کوئی وصیت فرمائیے۔ جس پر میں عمر بھر کاربند رہوں، آپؐ نے فرمایا : غصہ کبھی مت کرنا، راوی کہتے ہیں اس شخص نے اپنی کوتاہ فہمی کی وجہ سے بار بار یہی سوال لوٹایا، مجھے وصیت کیجیے، آپ نے ہر مرتبہ یہی جواب دیا، غصہ کبھی مت کرنا۔ (صحیح بخاری)
غصہ ایمان و عمل کے لیے انتہائی مہلک ہے، خلاف مزاج کسی واقعہ پر جب انسان بے قابو ہو جاتا ہے تو تمام شرعی رکاوٹیں اس کے لیے بے اعتبار ہو جاتی ہیں اور وہ غصہ کی حالت میں جو چاہتا ہے کر ڈالتا ہے۔ اس لیے آپؐ نے حدیث مذکور میں غیظ و غضب سے دور رہنے کی تاکید کی ہے، مشہور عالم دین مولانا محمد ادریس میرٹھی اس حدیث کے تحت غصہ کی قباحت اور اس کے تباہ کن اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے لکھتے ہیں :
’’حقیقت یہ ہے کہ اچھے سے اچھا سمجھدار انسان بھی شدید غصہ کی حالت میں عقل و خرد سے خارج اور بالکل پاگل ہو جاتا ہے، نہ خدا رسول کی تعلیمات کا ہوش رہتا ہے نہ اخلاق و انسانیت کے تقاضوں کا، اسی لیے کہا گیا ہے: اَلْغَضبُ جُنُوْنُ سَاعَۃٍ (غصہ تھوڑی دیر کی دیوانگی کا نام ہے) علماء اخلاق نے لکھا ہے کہ بعض مرتبہ شدتِ غیظ و غضب سے انسان کی موت واقع ہو جاتی ہے یا مستقل طور پر پاگل ہو جاتا ہے اور یہ تو بالکل عام بات ہے کہ غصہ فرو ہونے کے بعد انسان خود کو اپنے کیے پر ملامت کیا کرتا ہے اور بسااوقات بڑے بڑے دوررس نقصانات اٹھانے پڑتے ہیں اور اس غصہ کے بھوت پر قابو پانا صبر و ضبط کا ملکہ پیدا کیے بغیر اور برداشت و تحمل کی عادت ڈالے بغیر ممکن نہیں، لہٰذا غصہ نہ کرنے کی وصیت کا منشا درحقیقت صبر و ضبط کی عادت ڈالنے کی وصیت فرمانا ہے‘‘ (شرح ریاض الصالحین: ۱۳۵)
جذبات کو قابو میں رکھنے اور صبر و تحمل کی فضیلت اور ثواب کی کثرت اس بنیاد پر بھی ہے کہ اس میں ایک شخص کو امتحان کی مختلف راہ سے گذرنا پڑتا ہے۔ کہیں ملتے ہوئے فائدوں سے محرومی کو گوارا کرنا پڑتا ہے، کبھی خارجی مجبوری کے بغیر خود سے اپنے آپ کو کسی چیز کا پابند کر لینا پڑتا ہے۔ کہیں اپنی بے عزتی کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ کہیں زیادہ کو چھوڑ کر کم پر قانع ہونا پڑتا ہے، کہیں قدرت رکھتے ہوئے اپنے ہاتھ پاؤں کو روک لینا پڑتا ہے۔ کہیں اپنی مقبولیت کو دفن کرنے پر راضی ہونا پڑتا ہے، کہیں شہرت اور استقبال کے راستے کو چھوڑ کر گمنامی کے طریقے کو اختیار کرنا پڑتا ہے، کہیں الفاظ کا ذخیرہ ہوتے ہوئے اپنی زبان کو بند کر لینا پڑتا ہے، کہیں جانتے بوجھتے دوسرے کا بوجھ اپنے سر پر لے لینا پڑتا ہے، کہیں اپنے آپ کو ایسے کام میں شریک کرنا پڑتا ہے جس میں کسی قسم کا کوئی کریڈٹ ملنے والا نہیں، ان تمام مواقع پر نفس کو کچل کر خلافِ نفس کام کرنے پر اپنے آپ کو مجبور کرنا پڑتا ہے، یہی وہ راز ہے جس سے انسان کا سفر ہمیشہ بلندی کی طرف جاری رہتا ہے، وہ کبھی ٹھوکر نہیں کھاتا اور نہ کبھی سخت مایوسی کا شکار ہونا پڑتا ہے لیکن جذبات اور غیظ وغضب سے ہمیشہ انسان کو نقصان پہنچتا ہے  اس میں فائدے کا کوئی پہلو نہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ساری قوتوں کے باوجود کبھی انتقامی جذبات سے کام  نہیں لیا۔ قریش نے آپ کو گالیاں دیں، مارنے کی دھمکی دی، راستوں میں کانٹے بچھائے، جسم اطہر پر نجاستیں ڈالیں، گلے میں پھندا ڈال کر کھینچا، آپ کی شان میں ہزار گستاخیاں کیں مگر کوئی ایسی مثال نہیں کہ غیظ و غضب سے بے قابو ہو کر آپؐ نے کوئی کارروائی کی ہو، اگر آپؐ چاہتے تو ایک اشارہ میں ہزاروں خون آشام تلواریں نکل سکتی تھیں جو آپ کی شان میں گستاخی اور بے ادبی کرنے والوں کا کام تمام کرنے کے لیے کافی ہو جاتیں مگر قربان جائیے رحمت ِ دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم پر جنہوں نے اس راہ کو اختیار کیا اور نہ مسلمانوں کو اس کی ہدایت دی بلکہ موقع بہ موقع آپؐ صحابۂ  کرام کے جذبات کو سکون دینے کی کوشش کرتے اور انہیں صبر و ضبط تواضع و بردباری کا سبق سکھاتے رہتے، یہی وجہ ہے کہ حضرت عمر فاروقؓ جیسے سخت مزاج صحابیٔ پیغمبرکا بھی مزاج اسلام قبول کرنے کے بعد نرم پڑگیا تھا، وہی عمر جو معمولی باتوں میں تلواریں سونت لیا کرتے تھے جب اسلام کی دولت سے سرفراز ہوئے اور مزاج نبوت سے آشنا ہوئے تو تحمل و بردباری کا حیرتناک جذبہ ان میں پیدا ہوا۔ عین اس وقت جب کہ عام انسانوں کا قابو میں رہنا مشکل ہوتا ہے، حضرت عمر فاروقؓ معافی کا اعلان کر دیا کرتے تھے۔ امام نوویؒ نے اپنے منتخب کردہ حدیث کے مجموعہ ’’ریاض الصالحین‘‘ میں حضرت عمر فاروق ؓ کے صبر و تحمل کا ایک واقعہ بیان کیا ہے  جو بہت دلچسپ ہے اور عبرتناک بھی، مناسب معلوم ہوتا ہے کہ ذیل میں ایک نظر اس پر ڈال لی جائے:
حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے روایت ہے کہ ایک عرب قبیلہ کا سردار عیینہ بن حصن مدینہ آیا اور اپنے بھتیجے حر بن قیس کے پاس ٹھیرا، حر بن قیس ان لوگوں میں سے تھے جن کو فاروق اعظمؓ کے پاس بڑی قربت تھی بلکہ وہ اراکین شوریٰ میں سے تھے، راوی کا بیان ہے کہ حضرت عمر فاروقؓ کے مقرب وہم نشیں عالم و حفاظِ قرآن ہی ہوا کرتے تھے خواہ وہ بڑے ہوں یا چھوٹے، سن رسیدہ ہوں یا نو عمر، بہرحال عیینہ نے اپنے بھتیجے حربن قیس سے کہا! برادر زادے تمہیں امیرالمومنین سے خاص قرب حاصل ہے تم مجھے ملاقات کی اجازت لے دو، چنانچہ حر بن قیس نے ملاقات کی اجازت طلب کی، حضرت عمرؓ نے اجازت دے دی، جب یہ دونوں فاروق اعظمؓ کی خدمت میں حاضر ہوئے تو عیینہ نے کہا: اے خطاب کے بیٹے: وہ شکایت جس کے پیش کرنے کے لیے میں آیا ہوں یہ ہے کہ خدا کی قسم، تم ہم کو زیادہ نہیں دیتے ہو اور ہمارے حق میں عدل و انصاف کا معاملہ بھی نہیں کرتے ہو، فاروق اعظم رضی اللہ عنہ اس دریدہ دہنی اور افترا پردازی پر سخت غصہ ہو گئے۔ یہاں تک کہ آپ نے قصد کر لیا کہ اسے عبرتناک سزادی جائے۔ حر بن قیس فوراً بول پڑے: امیر المؤمنین! اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی کو حکم دیا ہے: خُذِ الْعَفْوَ وَ اْمُرُ بِالْعُرْفِ وَ اعْرِضْ عَنِ الْجَاھِلِیْن۔ ’’عفو کو اختیار کرو، بھلی بات کا حکم دو اور جاہلوں سے درگذر کرو‘‘ میرا چچا عیینہ بن حصن یقیناً جاہلوں میں سے ہے اور اسلامی اخلاق و آداب سے نابلد ہے، راوی حدیث حضرت ابن عباس کہتے ہیں کہ خدا کی قسم جوں ہی حر بن قیس اس آیت کریمہ کی تلاوت کی، حضرت عمرؓ کا غصہ بالکل سرد پڑگیا اور انہوں نے آیت کریمہ کے حکم سے بال برابر بھی تجاوز نہیں کیا۔ (شرح ریاض الصالحین از مولانا محمد ادریس میرٹھی، صفحہ ۱۳۶-۱۳۷)
کسی شخص کی کامیابی اور بلندی کا راز یہ ہے کہ انتہائی جذباتی مواقع پر انتہائی عقل و دانش سے فیصلہ کرے۔ انفرادی زندگی میں تحمل اور صبر و ضبط کی ضرورت تو ہے ہی لیکن اس کی اہمیت اجتماعی جگہوں میں مزید بڑھ جاتی ہے، جہاں مختلف اذہان اور طبیعت کے لوگوں سے واسطہ پڑتا ہے، ظاہر ہے کہ کسی فیصلہ یا میمورنڈم پر غور کرتے ہوئے تمام ذہنوں کی رعایت نہیں کی جا سکتی۔ اس میں بعض کی موافقت ہو گی تو بعض کی مخالفت بھی، ساتھ رہتے ہوئے بہت سی ناموافق باتیں بھی پیش آتی ہیں، کبھی مزاجوں کا اختلاف دل شکنی کا باعث ہوتا ہے تو کبھی کسی کی تنقید سے خفت اٹھانی پڑتی ہے بلکہ قدم قدم پر ہزار امتحانی راہوں سے گذرنا پڑتا ہے اگر تحمل اور صبر و ضبط سے کام نہ لیا جائے تو ایک دن بھی اجتماعی جگہوں میں شریک رہنا مشکل ہو گا۔ اس طرح سماجی تنظیموں اور اداروں کا نقصان تو ہو گا ہی مگر خود اس کی زندگی تباہ اور ناکارہ ہو جائے گی، ہزار صلاحیتوں کے باوجود اس کا علم و ہنر بے فیض اور ناکام ہو گا، اس لیے اپنی شخصیت کو نکھارنے، مسائل سے نجات پانے اور خوش گوار زندگی گذارنے کے لیے ضرورت ہے کہ جذبات کو قابو میں رکھا جائے۔
٭٭٭


رسول اکرمؐ کا صبر و تحمل اور قوتِ برداشت

رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب نبوت کا اعلان کیا تو مکہ کا سارا ماحول آپؐ کے لیے اجنبی بن گیا، وہی لوگ جن کے بیچ آپؐ کا بچپن اور جوانی گزری، جو آپؐ کی امانت و صداقت کے بڑے مداح اور عاشق تھے، آپؐ کے مخالف اور جانی دشمن ہو گئے، آپؐ کے رشتہ دار اور اہل خاندان جن سے آپؐ کو بڑی امیدیں وابستہ تھیں ان کا بھی آپؐ کو کوئی سہارا نہیں ملا، وہ بھی انجانے اور نا آشنا ثابت ہوئے، تن تنہا توحید کا پیغام لیے گھر سے باہر نکلے، مگر کچھ ہی عرصہ گزرا تھا کہ حالات کا رخ بدل گیا، ناموافق ہوائیں اب موافقت میں چلنے لگیں، دشمنوں کے دل پسیج گئے اور پھر وہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ایسے دیوانے بنے کہ تاریخ انسانیت میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
عرب کی اجڈ اور گنوار قوموں کے دل و دماغ میں اسلام اور آپؐ کی بے پناہ محبت اتنی جلدی کیسے رچ بس گئی اور کس طرح ان جانی دشمنوں نے دل و جان سے آپؐ کی امارت و اطاعت کو قبول کر لیا، یقیناً اس پر انسانی عقلیں دَنگ رہ جاتی ہیں اور حیرت کی انتہا نہیں رہتی۔ سیرت کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ عرب کے اس تاریخی انقلاب میں جہاں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شیریں زبان، اعلیٰ اخلاق، بہتر لب و لہجہ اور پیہم جدوجہد کا حصہ ہے وہیں آپؐ کا صبر و تحمل، بردباری اور قوتِ برداشت نے بھی بڑا اہم رول ادا کیا ہے۔ بلاشبہ صبر و تحمل کا وصف سراپا نیک، صالح، انتہائی مفید و معنی خیز ہے، اس سے سعادت و بھلائی، سکون و اطمینان اور کیف و نشاط کے مواقع ہاتھ تو آتے ہی ہیں، ساتھ ہی صبر و استقامت کی راہ پر چل کر لوگوں کی قیادت و امامت کا درجہ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے، خدا نے اپنا یہ دستور اور قانون بہت پہلے ہی ان الفاظ میں سنایا ہے : وَ جَعَلْنَا مِنْھُمْ اَئِمَّۃً یَّصُدُّوْنَ بِاَمْرِنَا لمَا صَبَرُوْا (السجدہ:۲۴) ’’ ہم نے ان میں سے بعض کو قائد اور امام بنایا جو ہماری باتوں سے لوگوں کو واقف کراتے تھے، یہ ان کے صبر کا بدلہ ہے۔‘‘ مؤمن کی زندگی کا وہ کون سا لمحہ ہے جس میں اس کو کسی نہ کسی طرح جسمانی اور روحانی اذیت و پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑتا ہو، تاریخ شاہد ہے کہ جس نے بھی ان تکلیف دہ مواقع میں صبر و تحمل سے کام لیا اس کے لیے بعد میں راستے ہموار ہو گئے، کامیابی کی منزل قریب ہو گئی اور پھر بعد میں دشمنوں کے دل بھی بدل گئے۔
شاید یہی وجہ ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مکی دَور کی تمام مصیبتوں کو مسکراتے ہوئے قبول کر لیا، اعلانِ توحید کے بعد بت پرستوں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اذیت رسانی کے لیے جو نت نئے طریقے ایجاد کیے تھے اس کی طویل اور دردناک داستان سیرت کی تقریباً تمام کتابوں میں موجود ہے، وہ عام راستہ جس میں ہر کس و ناکس کو چلنے کا اختیار تھا جب سرکارِ دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم چلتے تو پتھر کی بارش برسائی جاتی، کانٹے بچھائے جاتے، تنگ کیا جاتا، جسم ِ اطہر پر نجاستیں ڈالی جاتیں، بلکہ حرمِِ مکی جہاں عام چرند و پرند کو بھی سکون و اطمینان اور تحفظ کا یقین ہوتا ہے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو وہاں سکون سے نماز پڑھنے کا موقع تک نہیں دیا گیا، ابوجہل کے اشارے سے بدبختوں نے آپؐ کی پشت ِ مبارک پر اونٹ کی ناپاک اوجھڑی رکھ دی، یہ مخالفت کے دیوانے انسانی حدوں کو پار کر گئے اور آپؐ کی شرافت کو چیلنج کیا۔ کبھی آپؐ کو بیہودہ گالیاں دیں، کبھی جادوگر اور کبھی پاگل اور کبھی شاعر کہا اور ہزار طرح سے گستاخیوں اور بے ادبی کی وہ راہیں وضع کی گئیں جن سے غریب سے غریب اور کمزور سے کمزور تر انسان غصہ سے کانپ اٹھتا ہے، مگر نبی ٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے صبر و تحمل سے کام لیا اور کبھی آپؐ نے ان باتوں پر برہمی تک ظاہر نہیں فرمائی۔
طائف کا واقعہ کسے یاد نہیں ہے، بڑی تمنا اور آرزوؤں کے ساتھ اہل مکہ سے تنگ آ کر نبی ٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے طائف کا سفر کیا کہ شاید وہاں کے لوگ کچھ موافقت کریں، مگر وہ لوگ دوچار قدم اور آگے نکلے، صرف گالی اور تمسخر پر اکتفا نہیں کیا گیا بلکہ اوباشوں کے ذریعہ اتنے پتھر برسائے گئے کہ قدمِ مبارک خون سے بھیگ گئے، ضعف و کمزوری سے طبیعت بوجھل ہو گئی۔ آپؐ تھک کر جب بیٹھ جاتے تو زبردستی آپؐ کو اٹھایا جاتا اور پھر پتھروں کی بارش برسائی جاتی۔ اس عظیم حادثہ سے عرش پہ کہرام مچ گیا، عذاب کے فرشتے نازل کیے گئے، مگر نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کا جواب تھا: اگر ان لوگوں نے ایمان قبول نہیں کیا تو مجھے امید ہے کہ ان کی نسلیں ضرور اسلام سے وابستہ ہوں گی، اس صبر و برداشت کی کیا دنیا مثال پیش کرسکتی ہے؟
یہیں تک نہیں، دشمنوں سے انتقام کا سب سے بڑا موقع فتح مکہ کا تھا۔ دشمن اس دن مکمل آپؐ کے قابو میں تھے کہ اگر آپؐ چاہتے تو ایک ایک اذیت کا بدلہ لے سکتے تھے، مگر آپؐ نے یہ کہتے ہوئے سب کو معاف فرما دیا لَاتَثْرِیْبَ عَلَیْکُمُ الْیَوْمَ اذْھَبُوْا فَاَنْتُمُ الطُّلَقَاء’’ تم پر کوئی ملامت نہیں جاؤ تم سب آزاد ہو‘‘ (سیرۃالنبی ۲/۳۶۲)
وہ لوگ جو خون کے پیاسے تھے اور جن کے دست ِ ستم سے آپؐ نے طرح طرح کی اذیتیں اٹھائی تھیں، وحشی جو آپؐ کے عزیز ترین چچا حضرت حمزہؓ کا قاتل تھا، ہندہ (ابوسفیان کی بیوی) جس نے حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ کا سینہ چاک کیا اور دل و جگر کے ٹکڑے کیے، ان سے آپؐ نے کوئی بازپرس نہیں کی اور نہ ہی ان سے کوئی انتقام لیا، ہندہ اس کرشمۂ  اعجاز سے متاثر ہو کر بے اختیار بول اٹھی: یا رسول اللہ! آپ کے خیمہ سے مبغوض تر خیمہ کوئی میری نگاہ میں نہ تھا، لیکن آج آپ کے خیمہ سے کوئی زیادہ محبوب خیمہ میری نگاہ میں دوسرا نہیں ۔ (صحیح بخاری)
ان کے علاوہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے صبر و تحمل اور قوتِ برداشت کے متفرق حیرت انگیز واقعات کتابوں میں موجود ہیں، جن میں بڑی عبرتیں پوشیدہ ہیں اور مصیبت زدگان کے لیے تسلی کا سامان بھی، اس لیے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ چند واقعات اپنی نگاہ میں لے آئیں اور آنکھوں کی راہ سے دل میں اتارنے کی کوشش کریں ۔
(۱)  حضرت عبداللہ بن مسعودؓ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ: جب فتح مکہ کے بعد جنگ ِ حنین کا واقعہ پیش آیا اور اللہ تعالیٰ نے وقتی شکست کے بعد شاندار فتح نصیب فرما دی اور بے شمار مالِ غنیمت فاتحین کے ہاتھ آیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مالِ غنیمت کی تقسیم میں شرعی مصلحت کے تحت بعض لوگوں کو جو فتح مکہ کے وقت ہی مسلمان ہوئے تھے اور ابھی مسلمان ہوئے ایک مہینہ بھی نہ گزرا تھا تالیف ِ قلوب کے طور پر ترجیح دی، چنانچہ ایک نومسلم قبیلہ کے سردار اقرع بن حابس کو سواونٹ دیے، عینیہ بن حصنؔ کو بھی اتنے ہی دئیے، ان دونوں کے علاوہ اور بھی سردارانِ قریش کو گراں قدر مالِ غنیمت دیا، پرانے مسلمان انصار و مہاجرین پر ان کو ترجیح دی، تو ایک گستاخ شخص بولا: خدا کی قسم اس مالِ غنیمت کی تقسیم میں انصاف نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی یہ تقسیم اللہ کے لیے کی گئی ہے بلکہ اپنی قوم قریش کو خوش کرنے کے لیے کی گئی ہے۔ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ راویِ حدیث کہتے ہیں کہ میں نے اپنے دل میں کہا: بخدا میں اس گمراہ کن پروپیگنڈے کی خبر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ضرور دوں گا، چنانچہ میں آپؐ کی خدمت میں حاضر ہوا اور جو اس شخص نے کہا تھا آپؐ کو اس کی اطلاع دی، ناانصافی اور قوم پروری کا الزام سن کر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا چہرۂ  مبارک سرخ ہو گیا، پھر قدرے سکون کے بعد ارشاد فرمایا: تو پھر اور کون انصاف کرے گا جب اللہ اور اس کے رسولؐ بھی انصاف نہ کریں ۔ حقیقت صرف یہ ہے کہ اس شخص کو کچھ نہیں ملا، اس لیے یہ بکواس کر رہا ہے، اس کے بعد سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ حضرت موسیٰ علیہ السلام پر ہزاروں ہزار رحمت نازل فرمائے، بے شک ان کو ان کی امت کی جانب سے اس سے بھی زیادہ ایذائیں پہنچائی گئی ہیں مگر انہوں نے ہمیشہ صبر و ضبط سے کام لیا اور کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی، اسی طرح ہمیں بھی صبر و ضبط سے کام لینا چاہیے۔ (شرح ریاض الصالحین: ۴۲۱)رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے نومسلم قبائل اور ان کے سرداروں کو مالِ غنیمت کی تقسیم میں قدیم ترین مہاجر و انصار غازیوں پر فوقیت اور ترجیح محض اپنی مصلحت اور شرعی حکم تالیف ِ قلب (نومسلموں کی دلجوئی) کے تحت دی تھی۔ مال کی تقسیم میں ظلم اور ناانصافی کا الزام یقیناً غلط تھا، آپؐ چاہتے تو گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والے کو سزا دے سکتے تھے، مگر آپؐ نے صبر و ضبط سے کام لیا اور حضرت موسیٰ علیہ السلام کا واقعہ یاد کر کے اپنی اذیت اور غم و غصہ کو تسکین دی۔
(۲)  زید بن سعنہ جس زمانہ  میں یہودی تھے، لین دین کا کاروبار کرتے تھے، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے کچھ قرض لیا، میعادِ ادا میں ابھی کچھ دن باقی تھے، تقاضے کو آئے، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی چادر پکڑ کر کھینچی اور سخت سست ہو کر کہا: ’’عبدالمطلب کے خاندان والو! تم ہمیشہ یوں ہی حیلے حوالے کیا کرتے ہو۔‘‘ حضرت عمرؓ وہیں تھے۔ یہ گستاخانہ جملہ سن کر وہ غصہ سے بے تاب ہو گئے، اس کی طرف مخاطب ہو کر کہا او دشمن خدا! تو رسول اللہ کی شان میں گستاخی کرتا ہے، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے مسکراکر فرمایا: عمر! تم سے کچھ اور امید تھی، اس کو سمجھانا چاہیے تھا کہ نرمی سے تقاضا کرے اور مجھ سے یہ کہنا چاہیے تھا کہ میں اس کا قرض ادا کر دوں، یہ فرما کر حضرت عمرؓ سے ارشاد فرمایا کہ قرض ادا کر کے بیس صاع کھجور کی مقدار زیادہ دے دو۔ (بیہقی و ابن حبان)
زید بن سعنہ کی سخت کلامی اور انداز کے صحیح نہ ہونے کے سبب حضرت عمرؓ کو فطری طور پر غصہ آ گیا، وہ تلملا اٹھے، اس لیے کہ یہ وہ وقت تھا جہاں کوئی بھی انسان بے قابو ہو جاتا ہے، آپؐ کا اشارہ ہوتا تو حضرت عمرؓ کی تلوار سے زید بن سعنہ کی گردن تن سے جدا ہو جاتی، مگر اس کے نتائج بہتر ثابت نہ ہوتے، اس لیے آپؐ نے صبر و تحمل سے کام لیا اور عین انتہائی جذبات کے موقع پر اسلام کا یہ بے مثال دلکش قانون اور طریقہ بتایا: عمر! تم سے کچھ اور امید تھی، اس کو سمجھانا چاہیے تھا کہ نرمی سے تقاضا کرے اور مجھ سے یہ کہنا چاہیے تھا کہ میں اس کا قرض ادا کر دوں، بلاشبہ دنیا کا کوئی بھی مذہب حسن معاملگی اور اخلاقِ عظیم کی یہ مثال پیش نہیں کرسکتا۔
(۳)  حضرت ابوہریرہؓ کہتے ہیں کہ آپؐ کی عادت تھی کہ ہم لوگوں کے ساتھ مسجد میں بیٹھ جاتے اور باتیں کرتے، جب اٹھ کر گھر میں جاتے تو ہم لوگ بھی چلے جاتے، ایک دن حسب ِ معمول مسجد سے نکلے، ایک بدو آیا اور اس نے آپؐ کی چادر اس زور سے پکڑ کر کھینچی کہ آپ کی گردنِ مبارک سرخ ہو گئی۔ آپؐ نے مڑ کر اس کی طرف دیکھا تو اس نے کہا کہ میرے اونٹوں کو غلہ سے لاد دے، تیرے پاس جو مال ہے وہ نہ تیرا ہے اور نہ تیرے باپ کا، آپؐ نے فرمایا: پہلے میری گردن کا بدلہ دو تب غلہ دیا جائے گا، وہ بار بار کہتا تھا کہ خدا کی قسم میں ہر گز بدلہ نہیں دوں گا، آپؐ نے اس کے اونٹوں پر جو اور کھجوریں لدوا دیں اور کچھ تعرض نہ فرمایا۔ (ابوداؤد، کتاب الادب)
بدو عموماً وحشی مزاج ہوتے ہیں، تہذیب و تمدن سے نابلد اس بدو نے نہ صرف بدکلامی کی بلکہ اس زور سے چادر کھینچی کہ گردنِ مبارک سرخ ہو گئی۔ اس حرکت پر کسی قائد، رہبر، پیشوا، بادشاہ اور امام نہیں بلکہ ایک عام آدمی کے دل میں انتقام کا جذبہ بھڑک اٹھتا ہے۔ اپنے سماج و معاشرہ کے حالات نگاہوں میں ہیں، بات بات پر انتقامی کارروائی اور پھر اختلاف کا ماحول گرم ہو جاتا ہے، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ساری قوتوں اور سرکارِ دو عالم ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی، بلکہ بددعا تک کے الفاظ زبان سے نہیں نکلے۔ قربان جاؤں میں آپؐ کے صبر و تحمل پر جس نے آپؐ کو دنیا کا امام بنایا۔
(۴)   ۵ھ؁ میں امّ المومنین حضرت عائشہؓ پر منافقین نے تہمت لگائی، یقیناً یہ عفو کے حد سے متجاوز تھا، اس لیے کہ ہر انسان کو اپنی ماں، بہن اور بیوی کی عزت پیاری ہوتی ہے، ان کے بارے میں آبروریزی کا کوئی بھی جملہ ہر ایک کے لیے ناقابل برداشت ہے، یہ کبر نہیں بلکہ عین غیرت اور ثواب کا کام ہے، شریعت نے ان کی عزت و آبرو کے تحفظ کی بڑی تاکید کی ہے، بلکہ اس کے لیے جان دینے کو شہادت کا درجہ دیا گیا ہے، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسے نازک موقع پر بھی تحمل اور برداشت سے کام لیا۔ مشہور سیرت نگار علامہ شبلی نعمانیؒ اس واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں :
’’ سب سے بڑھ کر طیش اور غضب کا موقع افک کا واقعہ تھا، جب کہ منافقین نے حضرت عائشہ صدیقہؓ کو نعوذ باللہ تہمت لگائی تھی، حضرت عائشہؓ آپؐ کی محبوب ترین ازواج اور ابوبکرؓ جیسے یارِ غار اور افضل الصحابہ کی صاحبزادی تھیں، شہر منافقوں سے بھرا پڑا تھا، جنہوں نے دَم بھر میں اس خبر کو اس طرح پھیلا دیا کہ سارا مدینہ گونج اٹھا دشمنوں کی شماتت، ناموس کی بدنامی، محبوب کی تفضیح، یہ باتیں انسانی صبر و تحمل کے پیمانہ میں نہیں سما سکتیں، تاہم رحمت ِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سب باتوں کے ساتھ کیا کیا؟‘‘ (سیرۃ النبی ۲/۶۰۳)
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری زندگی صبر و تحمل سے لبریز ہے، کسی موقع پر بھی آپؐ نے نفسانی جذبات کا استعمال نہیں کیا، غیظ و غضب اور وقتی معاملات سے طیش میں آ کر کوئی بھی اقدام بلاشبہ ہزار مفاسد پیدا کرتا ہے، اس لیے ضرورت ہے کہ تمام شعبہائے حیات میں صبر و تحمل سے کام لیا جائے، آقا اپنے ملازم کے قصور اور لغزشوں کو معاف کرے اور اگر وقتی طور پر کبھی آقا ناراض ہو جائے تو ملازم کو بھی اسے برداشت کرنا چاہیے، باپ اپنے بیٹے کے ساتھ اور بیٹا اپنے باپ کے ساتھ حسن سلوک کا معاملہ کرے، میاں بیوی میں خلش ایک فطری بات ہے مگر اسے باہمی صبر و تحمل سے دور کرتے ہوئے زندگی کو خوش گوار بنانے کی کوشش کی جائے۔ غرض پرسکون اور کامیاب زندگی کے لیے صبر و تحمل اور قوتِ برداشت بنیادی عنصر ہے۔ ہماری پستی کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم وقتی طور پر جذبات کے رَو میں بہہ جاتے ہیں، جس سے دوررس نگاہ متاثر ہو جاتی ہے اور سوچ و تدبر کا مزاج نہیں رہتا۔ موجودہ حالات میں خاص طور پر سیرتِ نبویؐ کے اس پہلو کو اپنانے کی سخت ضرورت ہے۔
٭٭٭


زندگی کے ہر شعبے میں اعتدال اور توازن پیدا کیجیے!

اعتدال بیچ کی کیفیت کو کہا جاتا ہے یعنی کسی بھی فعل اور عمل میں افراط و تفریط، کمی اور زیادتی کے بغیر میانہ روی کو اختیار کرنا۔ یہ ایسا وصف ہے جس سے ایک انسان کامیاب اور ہمیشہ خوش خوش رہتا ہے، خیر و بھلائی اور بہتر زندگی گزارنے کے لیے ایک شخص کے لیے ضروری ہے کہ ہر شعبۂ  حیات میں اعتدال وتوازن اور میانہ روی اختیار کرے۔ اعتدال اگر چھوڑ دیا جائے تو ہلاکت، خسران اور گمراہی کے سوا کچھ بھی ہاتھ نہیں آسکتا۔ جیسے انسان کا بدن چار عناصر خون، بلغم، سوداء، صفراء سے مرکب ہوتا ہے اور ان ہی چاروں اخلاط سے پیدا شدہ چار کیفیات انسان کے بدن میں ضروری ہیں، گرمی، ٹھنڈک، خشکی اور تری جس وقت یہ چاروں کیفیات مزاج انسانی کے مناسب حدود کے اندر معتدل رہتی ہیں وہ بدنِ انسانی کی صحت و تندرستی کہلاتی ہے اور جہاں ان میں سے کوئی کیفیت مزاج انسانی کی حد سے زیادہ ہو جائے یا گھٹ جائے وہی مرض اور بیماری کا سبب بن جاتا ہے۔اگر فوری طور پر اس کی اصلاح و علاج نہ کیا جائے تو ایک حد میں پہنچ کر وہی موت کا پیام ہو جاتا ہے۔ اخلاق و روحانیت کا بھی یہی حال ہے، جب تک اس میں توازن اور اعتدال قائم رہتا ہے، وہ مطلوب و مقصود ہوتا ہے، اگر اعتدال نہ رہے تو اسے روحانی موت سمجھنا چاہیے۔ وہ خدا کے نزدیک پسندیدہ نہیں ہے، سورہ حدید آیت ۲۵ میں انبیاء کرام کے بھیجے جانے اور ان پر کتابیں نازل کرنے کی حکمت یہی بتائی گئی ہے کہ وہ ان کے ذریعہ لوگوں میں اخلاقی اور عملی اعتدال پیدا کریں ۔ کسی بھی قوم کی صحت مندی اور اعلیٰ و ارفع ہونے کا راز یہ ہے کہ وہ اخلاق و عمل کے اعتبار سے معتدل اور متوازن رہے، یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس امت کو سب سے زیادہ معتدل بنایا۔ عقائد و اعمال، معاشرہ و سماج، تہذیب و تمدن، معاشیات و اقتصادیات ہر اعتبار سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت درمیانہ راہ پر ہے۔ پچھلی امتوں میں بعض نے اللہ کے رسولوں کو اس کا بیٹا بنا لیا اور ان کی عبادت اور پرستش کرنے لگے اور دوسری طرف بعض قوموں نے مسلسل معجزات دیکھنے اور برتنے کے باوجود جب انہیں جنگ و جہاد کی دعوت دی گئی تو انہوں نے صاف کہہ دیا: فَاذْہَبْ اَنْتَ وَ رَبُّکَ فَقَاتِلا اِنَّا ھٰھُنَا قَاعِدُوْن۔ ’’آپ اپنے پروردگار کے ساتھ جا کر جہاد کر لیجیے، ہم تو یہاں بیٹھے ہیں ۔‘‘ بعض انبیاء کرام کو خود ان کے ماننے والوں نے بہت سخت تکلیف پہنچائی۔ اس سلسلے میں امت ِ محمدیہؐ  کو افراط اور تفریط سے بچا کر راہِ اعتدال پر رکھا گیا۔ مسلمان ایک طرف اپنے سرکار رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں کہ ان کے نام پر اپنی جان و مال، عزت و آبرو سب کچھ قربان کر دینے کو اپنے لیے سعادت سمجھتے ہیں، دوسری طرف یہ اعتدال ہے کہ رسول کو رسول اور خدا کو خدا سمجھتے ہیں یعنی رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے تمام فضائل و کمالات کا اعتراف ہے مگر اللہ کے بعد، یہی وہ اعتدال ہے جس کے سبب اللہ تعالیٰ نے اس امت کو تمام اگلی امتوں سے افضل اور اشرف بنایا۔ ارشادِ باری ہے: وَکَذٰلِکَ جَعَلْنٰکُمْ اُمَّۃً وَّسَطًا لِتَکُوْنُوْا شُھَدَائَ عَلٰی النَّاسِ وَ یَکُوْنَ الرَّسُوْلُ عَلَیْکُمْ شَھِیْداً (البقرہ:۱۴۳) ’’ اور اسی طرح ہم نے تمہیں ایک معتدل امت بنایا تاکہ تم گواہ رہو لوگوں پر اور رسول گواہ رہیں تم پر‘‘… اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ جس طرح ہم نے مسلمانوں کو وہ قبلہ عطا کیا جو سب سے افضل اور اشرف ہے، اسی طرح ہم نے امت ِ اسلامیہ کو ایک خاص امتیازی فضیلت یہ عطا کی کہ اس کو ایک معتدل امت بنایا جس کے نتیجہ میں ان کو میدان حشر میں یہ امتیاز حاصل ہو گا کہ اگلی امتیں جب اپنے انبیاء علیہم السلام کی ہدایت و تبلیغ سے مُکر جائیں گی تو یہ امت انبیائے کرام علیہم السلام کے حق میں شہادت دے گی اور اس کی شہادت اللہ کے دربار میں قبول کی جائے گی۔ اس کی تفصیل مذکورہ آیت کے ذیل میں دیکھی جا سکتی ہے۔
 اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اعتدال انسان کا زیور اور جوہر شرافت و فضیلت ہے، انسان جب اسے اختیار کرتا ہے تو درجۂ  کمال تک پہنچ جاتا ہے، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اس امت کو سب سے معتدل بنائے جانے میں یہی حکمت کار فرما ہے۔ کہا جاتا ہے کہ قدیم زمانے میں یونان کے اندر ایک مشہور حکیم رہتا تھا وہ ماہر اور حکیم حاذق تھا۔ غریبوں اور محتاجوں کا علاج مفت کیا کرتا تھا۔ اس لیے سب ہی لوگ اس ہمدرد حکیم سے محبت کرتے تھے، ایک مرتبہ حکیم خود ایسا بیمار پڑا کہ لوگوں کو اس کے بچنے کی کوئی امید نہ رہی، بچے، بوڑھے، جوان اور عورتیں غرض شہر کے سب ہی لوگ اس کے بستر کے قریب جمع ہو گئے اور ان سب کی آنکھوں سے آنسو جاری تھے کہ ان کا ہمدرد معالج اب آخری سانسیں لے رہا ہے، اچانک حکیم نے اپنی آنکھیں کھولیں اور پوچھا، لوگو! تم سب کیوں رو رہے ہو؟ ایک آدمی نے کہا: ہمیں آپ سے بچھڑنے کا بہت غم اور فکر ہے کہ آپ کے بعد ہم غریبوں کا کون علاج کرے گا؟ اس کے بعد حکیم نے اطمینان سے جواب دیا، خدا کا حکم ہے کہ اب میں اس دنیا میں نہ رہوں اور اس کے حکم کو کوئی نہیں ٹال سکتا، ہاں، تم لوگ گھبراؤ نہیں، میں تمہارے واسطے چار بڑے حکیم چھوڑ کر جا رہا ہوں جو بغیر فیس لیے تمہاری خدمت کریں گے اور بیماریاں تم سے دور رہیں گی، ان حکیموں کے نام یہ ہیں : (۱) ورزش (۲) غسل (۳) مسواک (۴) اعتدال و احتیاط۔ یہ کہہ کر حکیم کی سانس اکھڑ گئی اور وہ ہمیشہ کے لیے اس دنیا کو چھوڑ کر چلاگیا۔ 
ورزش، غسل اور مسواک اپنی جگہ پرتو اہم ہیں ہی لیکن اعتدال و احتیاط بھی واقعی بہت اہمیت کا حامل ہے۔ کھانے پینے، چلنے پھرنے اور معمولات شب و روز میں اعتدال کی حد سے تجاوز صحت کو متاثر کر دیتا ہے اور متاثرہ صحت بدن کو سست، دل کو بوجھل اور زندگی کو بار بنا دیتی ہے۔ معاشرتی رویوں، دوستی اور دشمنی، غنی ٰ اور فقر یا عام زندگی کے معمولات میں اگر اعتدال کا خیال نہ رکھا جائے تو ہزار مسائل جنم لیں گے۔ مختلف الجھنیں پیدا ہوں گی۔ راہ ہموار ہونے کے بجائے مسدود دکھائی دے گی اور ایک حد پر پہنچ کر خوشگوار زندگی مایوسی میں تبدیل ہو جائے گی۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے بڑھ کر کوئی جسمانی اور روحانی حکیم پیدا نہیں ہوسکتا، آپ کا معمول تھا کہ کھجور کے ساتھ کھیرا تناول فرماتے، ایک کی تاثیر گرم اور دوسرے کی ٹھنڈی ہے، آپؐ فرماتے: اس طرح ایک کی حرارت دوسرے کی ٹھنڈک سے کم ہو جاتی ہے اور اعتدال آ جاتا ہے۔ (ترمذی) صرف کھانا پینا نہیں بلکہ زندگی کے تمام شعبوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہی معمول تھا، چنانچہ حضرت ابو عبداللہ جابر بن سمرۃ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے تمام نمازیں پڑھا کرتا تھا، میں نے محسوس کیا کہ آپؐ کی جمعہ کی نماز متوسط ہوتی تھی اور جمعہ کا خطبہ بھی متوسط ہوتا تھا (صحیح مسلم) زمانۂ  نبوت میں اہم ذریعۂ  ابلاغ جمعہ کا خطبہ تھا۔ آپ چاہتے تو مسائل اور دین کی باتیں بتانے کے لیے خطبۂ  جمعہ کو طویل کر دیتے۔ صحابۂ  کرام مکمل شوق و دلچسپی سے آپؐ کی بات کو سنا کرتے تھے، وہاں الجھن اور اکتاہٹ کا کوئی سوال ہی نہ تھا، مگر قربان جائیے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر جو انسان کی اندرونی کیفیات سے مکمل واقف تھے، کہیں ایسا نہ ہو کہ خطبہ لوگوں کی اکتاہٹ اور اعراض کا باعث بن جائے، خطبہ طویل نہ فرماتے تھے۔ اگر صحابۂ  کرامؓ نے شوق میں سن بھی لیا تو یہ سنت بعد کے لوگوں میں جاری ہونے کا اندیشہ تھا، اعتدال سے ہٹا ہوا خطبہ تقریر یا جلسہ وغیرہ اسی لیے کامیاب اور مفید و منتج نہیں ہوتا کہ فطری تقاضے کی بنیاد پر انسان کے دل و دماغ کے لیے طویل بیان گراں بن جاتا ہے، بوجھل طبیعت کے ساتھ سنی ہوئی بات میں کیا تاثیر ہوسکتی ہے، یہی وجہ ہے کہ صرف جمعہ کا خطبہ نہیں بلکہ جتنے مواقع پر آپؐ سے خطبات منقول ہیں وہ انتہائی جامع اور مختصر ہیں، ان خطبات کا اثر تھا کہ صحابۂ  کرام کے جذبات مچل جایا کرتے۔ زنگ آلود ذہن منٹوں میں بدل جاتا اور اللہ کے راستے میں مال خرچ کرنے اور اپنی جان قربان کر دینے کے لیے تیار ہو جایا کرتے تھے، آپؐ کی نماز بھی معتدل ہوا کرتی تھی، نہ زیادہ لمبی اور نہ ہی مختصر بلکہ متوسط اور درمیانہ، معذور اور ضعیف و بیمار لوگوں کا حد درجہ خیال فرماتے تھے۔
مسائل و جزئیات پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ مذہب اسلام افراط و تفریط سے پاک ہے۔ اس نے اکثر معاملوں میں اعتدال اور میانہ روی کی تعلیم دی ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک موقع پر ارشاد فرمایا: ما احسن القصد فی الغنی ما احسن القصد فی الفقر ما احسن القصد فی العبادۃ (کنزالعمال) یعنی دولتمندی میں میانہ روی کتنی اچھی ہے، محتاجگی میں میانہ روی کتنی اچھی ہے، عبادت میں میانہ روی کتنی اچھی ہے… انسان جب زیادہ دولت مند ہو جائے تو وہ قارونِ وقت بن جاتا ہے، اللہ اور اس کے حقوق سے غفلت طاری ہو جاتی ہے اس لیے حد سے زیادہ دولت بہتر نہیں ہے، اسی طرح فقر اور محتاجگی میں بھی بے اعتدالی مہلک ہے، اس سے صبر، خود داری اور تمام شریفانہ اوصاف داؤ پر لگ جاتے ہیں، بسااوقات محتاجگی اور فقیرانہ زندگی کے سبب لوگ اپنے ایمان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، اسی لیے آپؐ  نے تعلیم دی کہ دولتمندی کی حالت نہ حد سے زیادہ بلند ہونا چاہیے نہ محتاجی کی حالت میں اپنی معیشت سے گر جانا چاہیے۔
اسلام میں عبادت سے بڑھ کر اور کوئی نیکی کا کام نہیں مگر اسلام نے یہاں بھی اعتدال کا سبق دیا ہے۔ اتنی کثرت سے نوافل، نماز اور روزہ نہ شروع کر دے کہ انسان مرض کا ہدف بن جائے اور چند دنوں کے بعد عبادت کا اہل نہ رہے۔ یا دوسروں کے حقوق تلف ہوں اور اتنا کم بھی نہ ہو کہ اللہ کا حق ادا نہ ہوسکے اور فرائض و واجبات کی ادائی میں کوتاہی کی جائے۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ تین شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عبادت کے متعلق استفسار کرنے کی غرض سے ازواجِ مطہراتؓ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ اندرونِ خانہ آپؐ کی عبادت کی تفصیلات یہ بتائی گئیں کہ آپؐ رات کو سوتے بھی ہیں، حاجت بھی پوری کرتے ہیں اور تہو جد کی نماز بھی پڑھتے ہیں، ہر مہینہ روزے بھی رکھتے ہیں اور نہیں بھی رکھتے، ان تینوں نے عبادت کی اس مقدار کو بہت کم سمجھا اور کہا کہ ہمیں رسول اللہ سے کیا نسبت، ان کی اگلی اور پچھلی تمام لغزشیں معاف کرد گئی ہیں اور ہم تو سراپا گناہ گار ہیں، ہمیں تو اپنی پوری زندگی عبادت کے لیے وقف کر دینا چاہیے، چنانچہ ان میں سے ایک نے کہا: میں تو ہمیشہ پوری رات نماز پڑھا کروں گا اور سونا ترک کر دوں گا۔ دوسرے نے کہا: میں ہمیشہ دن کو روزہ رکھوں گا۔ تیسرے نے کہا میں عمر بھر عورتوں سے الگ رہوں گا اور کبھی شادی نہ کروں گا۔ اتنے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لے آئے، جب آپ کو ان کی باتوں کا علم ہوا تو فرمایا کہ کیا تم لوگوں نے ایسا ایسا کہا ہے، سن لو، خدا کی قسم میں تم سے بدرجہا زیادہ خدا سے ڈرتا ہوں اس کے باوجود میں دن میں کبھی روزے بھی رکھتا ہوں اور کبھی افطار بھی کرتا ہوں، رات میں سوتا بھی ہوں اور عبادت بھی کرتا ہوں اور عورتوں سے شادی بھی کی ہے جن سے حاجت بھی پوری کرتا ہوں ۔ پس جس نے میری سنت اور طریقے سے اعراض کیا اس کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں ۔ (ریاض الصالحین: ۷۸) 
غور کیا جائے تو سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان مختصر الفاظ میں اعتدال اور توازن کا بڑا سبق دیا ہے۔ ارشاد نبوی کا مقصد یہ تھا کہ تم انسان ہو اور انسان کی فطرت خلقی طور پر ایسی واقع ہوئی ہے کہ وہ اچھی سے اچھی چیز سے کچھ عرصہ کے بعد اکتا جاتا ہے اور بیزار ہو کر چھوڑ بیٹھتا ہے، ایسا نہ ہو کہ یہ عبادت و طاعت کا جذبہ اور ذوق و شوق جو تم کو نصیب ہوا ہے تمہارے غلط طریقے پر استعمال کرنے کی وجہ سے بالکل ہی ختم ہو جائے یا اس میں کچھ فتور آ جائے اور تم کو جو اجرو ثواب مل رہا تھا اس سے محروم ہو جاؤ، اس لیے دیگر شعبہ ہائے زندگی کی طرح عبادت میں بھی اور ذکر و اذکار میں بھی نہایت اعتدال اور میانہ روی سے کام لو اور رفتہ رفتہ اس طرح اعتدال کے ساتھ چلو کہ جو قدم اٹھے آگے بڑھے، پیچھے نہ ہٹے تاکہ مرتے دم تک یہ عبادت وا طاعت کا سلسلہ قائم رہے اور اجر و ثواب ملتا رہے۔
ایک آدمی کو خوش گوار زندگی گزارنے کے لیے خرچ کرنے میں بھی اعتدال سے کام لینا چاہیے۔ کھانا، کپڑا، مکان اور دیگر ضروریات زندگی میں اعتدال نہ رہے تو کچھ دنوں کے بعد فقیری گھیر لیتی ہے۔ پہلے سامان کی خریداری میں تنوع تھا مگر اب ضرورت کے بقدر بھی سامان میسر نہ ہو گا اور مجبوراً محتاجگی کی زندگی بسر کرنی ہو گی۔ اس لیے آپؐ نے خرچ کرنے میں بے اعتدالی کو ناپسند کیا اور امت کو یہ سنہرا پیغام دیا ’’ولاعال من اقتصد۔ جس نے خرچ میں میانہ روی اختیار کی وہ فقیر و محتاج نہیں بنا‘‘ (طبرانی: ۶۸۱۶) اللہ کے راستے میں خرچ کرنا بلاشبہ ایک محبوب عمل ہے مگر وہاں بھی اعتدال اور توازن برقرار رکھنے کا حکم دیا گیا ہے، سورئہ بنی اسرائیل آیت ۲۹ میں اس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ نہ تو اپنا ہاتھ بالکل سمیٹ لو اور انتہائی بخل سے کام لو کہ ضرورت پڑنے پر بھی خرچ نہ کیا جائے اور نہ اتنی سخاوت سے کام لینا چاہیے کہ خود وہ محتاج اور تہی دست ہو جائے۔ آج کسی کے فقر و احتیاج پر اتنا اثر لیا کہ سارا مال اس پر قربان کر دیا اور جب کل خود اس کو ضرورت پیش آئی تو دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلا رہا ہے۔ خرچ کی یہ بدنظمی اللہ کو پسند نہیں ہے، یہاں بھی میانہ روی کا خیال رکھنا چاہیے۔
اسی طرح نماز میں قرات کرتے ہوئے متوسط آواز رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ نہ بہت زیادہ بلند کہ مشرکین اور مخالفین سنیں اور بکواس کریں اور خود کا بھی خشوع متاثر ہو اور نہ بہت آہستہ کہ مقتدیوں کو بھی نہ سنائی دے۔ یعنی ضرورت کے لحاظ سے آواز میں کمی اور زیادتی کرنی چاہیے۔ ارشادِ خداوندی ہے: وَلَاتَجْھَرْ بِصَلَاتِکَ وَ لَاتُخَافِتْ بِھَا وَابْتَغِ بَیْنَ ذٰلِکَ سَبِیْلاً (بنی اسرائیل: ۱۱۰) ’’اور اپنی جہری نمازیں نہ تو بہت پکار کر پڑھیے اور نہ ہی بالکل آہستہ پڑھیے اور دونوں کے درمیان ایک متوسط طریقہ اختیار کر لیجیے۔‘‘ بظاہر تو یہ حکم نماز کے بارے میں ہے لیکن درس و تدریس، بیان و خطابت اور عام بول چال میں بھی یہی طریقہ اپنانا چاہیے۔ اس طرح بولنے والے کو تھکاوٹ ہوتی ہے نہ سننے والے بیزار ہوتے ہیں ۔ معتدل آواز حسین اور بہتر معلوم ہوتی ہے اور سامعین پر اس کا اثر برقرار رہتا ہے۔
ہماری چال ڈھال کیسی ہو، اس کے بارے میں حضرت لقمانؑ کے نصائح میں ارشاد ہے واقصد فی مشیک  یعنی اپنی چال میں میانہ روی اختیار کرو، نہ بہت دوڑ بھاگ کر چلو کہ وہ وقار، متانت اور سنجیدگی کے خلاف ہے، حدیث میں ہے کہ چلنے میں بہت جلدی کرنا مؤمن کی رونق کو ضائع کر دیتا ہے۔ (قرطبی: ۴۸/۱۴) اور اس طرح چلنے سے خود اپنے آپ کو یا دوسروں کو تکلیف بھی پہنچ سکتی ہے اور بہت آہستہ بھی نہ چلو جو تکبر اور تصنع کرنے والوں کی عادت ہے۔ بہت آہستہ چلنا عورتوں کی عادت ہے جو شرم و حیا کی وجہ سے تیز نہیں چلتیں یا پھر بیماروں کا طریقہ ہے جو اس پر مجبور ہے۔ چال میں افراط و تفریط کی دونوں قسموں سے منع کیا گیا اور عام حالات میں چال چلن کو بھی معتدل رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ طرز معاشرت یقیناً انسانی فلاح و بہبود کا ضامن ہے، کاش! اسے اپنی زندگی میں بسالیا جائے اور اسلامی چال ڈھال امت میں رواج پا جائے۔
یہی حکم عقیدت و محبت، دوستی اور دشمنی کا ہے، محبت اور بغض کا تعلق جذبات سے ہے اور جذبات میں اعتدال پیدا کرنا بہت مشکل کام ہے، اس لیے آپؐ نے خاص طور پر تاکید فرمائی کہ اپنے محبوب سے ہلکی محبت رکھا کرو ممکن ہے کہ وہ کسی دن تمہارا ناپسندیدہ شخص بن جائے اور اپنے مبغوض سے معمولی نفرت کرو، ممکن ہے وہ کسی دن تمہارا محبوب اور دوست بن جائے۔ (ترمذی) دوستی اور دشمنی پائیدار نہیں ہوتی، آج کسی سے دوستی، تعلق اور محبت ہے، ہوسکتا ہے کہ وہ کسی بھی وجہ سے دشمن ہو جائے، ایسا نہ ہو کہ دوستی اور محبت میں زندگی، گھر بار، تجارت و معاملات اور دیگر امور کے تمام راز فاش کر دے اس لیے کہ اس سے جب کبھی دشمنی ہو گی تو وہ تمہارے راز کی باتوں سے واقف ہونے کے سبب نقصان پہنچائے گا اور وہ نقصان اتنا شدید ہو گا کہ ناواقف افراد سے اس کی امید نہیں کی جا سکتی تھی۔ اس لیے کسی کی دوستی پر ہرگز اعتماد نہ کرنا چاہیے۔ ٹھیک اسی طرح کسی سے دشمنی اور بغض میں حدِّ اعتدال سے تجاوز نہیں کرنا چاہیے۔ ممکن ہے کسی دن دشمنی دوستی میں بدل جائے۔ دشمنی کے ایام میں عداوت میں کیے گئے امور و افعال جب یاد آئیں گے تو شرم محسوس ہو گی اور دل میں خیال پیدا ہو گا کہ کاش! وہ کام نہ کیے ہوتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔ جنگ صفین میں دونوں طرف لاشیں گر رہی تھیں دوران جنگ حضرت علیؓ سے پوچھا گیا کہ ہمارے جو ساتھی جنگ میں کام آرہے ہیں ان کا کیا حکم ہے؟ فرمایا ’’شہید ہیں ‘‘ پوچھا گیا۔ ہمارے مقابلے میں جو لوگ مر رہے ہیں، ان کا کیا حکم ہے؟ فرمایا ’’ وہ بھی شہید ہیں ‘‘ پوچھا گیا، یہ کیسے ہوسکتا ہے؟ فرمانے لگے ’’ دونوں حق کے لیے لڑ رہے ہیں یہ الگ بات ہے کہ وہ جسے حق سمجھ رہے ہیں، ہمارے نزدیک باطل ہے اور ہم جسے حق کہہ رہے ہیں وہ ان کے نزدیک باطل ہے… یہ ہے اعتدال کہ عین لڑائی کے وقت جب کہ انسان جذبات سے مغلوب ہوتا ہے، حضرت علیؓ نے انصاف کی بات کہی اور مخالفین کے بارے میں نازیبا کلمات تو کیا، خلافِ حق بات کہنا بھی گوارا نہ کیا، اسلام نے مسلمانوں کو اسی کا درس دیا ہے کہ حالات جنگ کے ہوں یا امن، دوستی ہو یا دشمنی، فراخی ہو یا تنگی، ہر حال میں اعتدال اور حق پر قائم رہنا چاہیے۔ مزاج و مذاق، فکر و سوچ میں اختلاف ہوسکتا ہے، رجحانات الگ الگ ہوسکتے ہیں، خیالات میں بھی لوگ آزاد ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ اسے دشمنی اور عداوت کا ایسا رنگ دیا جائے کہ انسانیت کو بھی شرم آنے لگے، خدا اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے احکام کو نظر انداز کر دیا جائے اور ایک دوسرے خون کے پیاسے ہو جائیں، موجودہ زمانے میں کسی ادارے، کسی تنظیم، کسی جماعت سے تعلق و عقیدت کا یہ عالم ہو جاتا ہے کہ ان کی نظر میں دوسرے کی کوئی خوبی اچھی نہیں لگتی، دوسروں کو غلط اور اپنے کو صحیح سمجھنے کا مزاج بن جاتا ہے، حالانکہ یہ درست نہیں ہے، اسلام کا پیغام تو یہ ہے کہ عشق و محبت کے سائے میں اور خوف و دہشت کے ماحول میں بھی بغض و عقیدت اور دوستی و دشمنی میں اعتدال قائم رکھا جائے اور کسی مخلوق کی رضامندی کے بجائے ہمیشہ خالق کی رضامندی کا خیال رکھنا چاہیے۔ بلاشبہ حق حق ہے اور باطل باطل ہے، ضرورت ہے کہ مسلمان حق کے علمبردار بنیں اور زندگی کے تمام شعبوں میں اعتدال اور توازن باقی رکھیں کہ افراط و تفریط ہلاکت کے دو دہانے ہیں جہاں کامیابی اور سکون کا کوئی تصور نہیں ۔
٭٭٭



مزاح و مذاق  --  اسوۂ  رسولؐ اور ہمارا عمل 

’’ مزاح ‘‘ میم کے زیر کے ساتھ مستعمل ہے، اس کے معنی دل لگی کرنا، خوش مزاجی کی باتیں کرنا، ہنسی مذاق کرنے کے آتے ہیں، ہنسی مذاق میں کبھی انسان حد سے آگے بڑھ جاتا ہے جس سے سامنے والے کی دل شکنی ہوتی ہے اور تکلیف پہنچتی ہے، اس مذاق کو عربی میں ’’سخریہ‘‘ کہا جاتا ہے، اسلام میں اس طرح کا مذاق جائز نہیں ہے، ارشاد باری ہے ’’یَااَیُّھَا الَّذِیْنَ آمَنُوْا لَا یَسْخَرْ قَوْمٌ مِّنْ قَوْمٍ عَسٰٓی اَنْ یَّکُوْنُوْا خَیْرًا مِّنْہُمْ وَلَا نِسَائٌ مِّنْ نِسَائٍ عَسٰٓی اَنْ یَکُنْ خَیْرًا مِّنْہُنَّ‘‘ (الحجرات:۱۱) ’’ اے ایمان والو! نہ مردوں کو مردوں پر ہنسنا چاہئے کیا عجب ہے کہ وہ ان سے بہتر ہوں اور نہ عورتوں کو عورتوں پر ہنسنا چاہئے کیا عجب ہے کہ وہ ان سے بہتر ہوں ‘‘۔ عام طور پر کسی کی کم عقلی، عیب اور نقص پر ہنسا جاتا ہے، ہنسنے والے اپنے آپ کو اس سے بہتر سمجھتے ہیں گویا ہنسی اور مذاق کا مطلب اس کی تحقیر و تذلیل ہوتی ہے، قرآن نے مسلمانوں کو ہدایت دی ہے کہ کسی کی تحقیر نہ کیا کرو، ممکن ہے کہ تم جس کی حقارت کر رہے ہو اور جس کو اپنے سے کمتر اور ادنیٰ سمجھتے ہو، حقیقت میں اللہ کے نزدیک اس کا مقام تم سے بڑا ہو اور تمہاری اللہ کے نزدیک کوئی حیثیت نہ ہو، اصل مقام و مرتبہ تو اللہ ہی کو معلوم ہے کہ کون افضل اور کون گھٹیا ہے، کس کا درجہ بلند ہے اور کس کا پست، لہٰذا کسی کو دیکھ کر ہنسنا چاہئے اور نہ ہی مذاق اور ٹھٹھا کرنا چاہئے ایسا شخص اللہ کی نظر میں ظالم اور سخت گناہ کا مرتکب ہو گا۔  
ہاں ایسی دل لگی اور مذاق جس میں دل شکنی اور ایذاء رسانی کا کوئی پہلو نہ ہو اور نہ اس کی نیت ہو تو شریعت میں محض دل بستگی اور تفریح طبع کے طور پر اس کی اجازت ہے، (مرقاۃ المفاتیح ۵/۱۷۱) نبی ٔ اکرم ا سے ثابت ہے کہ مختلف مواقع پر آپ نے خوش طبعی اور مزاح و مذاق کا معاملہ فرمایا ہے، خشک مزاجی آپ کو پسند نہیں تھی، آپ نہیں چاہتے تھے کہ صحابۂ  کرامؓ اپنے مزاج و طبیعت کو ہمیشہ خشک اور بے لذّت بنائے رکھیں، اس لئے رسول اللہ ا کبھی کبھی اپنے جاں نثاروں اور نیاز مندوں سے مزاح فرماتے تھے اور یہ ان کے ساتھ آپ کی نہایت لذت بخش شفقت ہوتی تھی لیکن آپؐ کا مزاح بھی نہایت لطیف اور حکیمانہ ہوتا تھا۔  
چنانچہ حضرت انسؓ بن مالک کہتے ہیں کہ گاؤں کا ایک آدمی جس کا نام زاہر تھا وہ آنحضرت ا کی خدمت میں گاؤں کی چیزیں ہدیہ دیا کرتا تھا تو آنحضور ا بھی اس کو جاتے وقت شہری سامان دے دیتے تھے، آنحضرت ا اس کے بارے میں فرماتے کہ زاہر ہمارا گاؤں ہے (کہ وہ گاؤں میں پیدا ہونے والے ساگ سبزی، ککڑی، پھل، پھول وغیرہ لاکر دیتا ہے) اور ہم اس کے شہر ہیں (کہ ہم اس کو شہری چیزیں دیتے ہیں ) نبی ٔ اکرم ا زاہر سے بہت محبت و تعلق رکھتے تھے، ویسے وہ  اچھی شکل و صورت کے نہیں تھے، ایک دن رسول اکرم ا بازار تشریف لے گئے تو دیکھا کہ وہ اپنا سودا سلف بیچ رہا ہے، آپ نے پیچھے سے اس کی اس طرح کولی بھرلی کہ وہ آپ کو دیکھ نہیں سکتا تھا یعنی آپ اس کی بے خبری میں اس کے پیچھے بیٹھ گئے اور اپنے مبارک ہاتھ اس کی دونوں بغلوں کے نیچے سے نکال کر اس کی آنکھیں چھپا لیں تاکہ وہ پہچان نہ سکے، زاہر نے کہا کہ مجھے چھوڑ دو یہ کون شخص ہے، پھر اس نے کوشش کر کے کن انکھیوں سے دیکھا اور نبی اکرم ا کو پہچان گیا، پھر تو وہ اپنی پیٹھ کو نبی ٔ کریم ا کے سینہ مبارک سے چمٹانے کی پوری کوشش کرنے لگا تاکہ زیادہ سے زیادہ برکت حاصل کر لے، ادھر آپ ا نے یہ آواز لگانی شروع کی کہ کون شخص ہے جو اس غلام کو خرید لے ؟ اس نے عرض کیا یارسول اللہ ا ! خدا کی قسم آپ مجھ کو ناکارہ یعنی بالکل سستا اور بے کار مال پائیں گے، رسول اللہ ا نے ارشاد فرمایا : لیکن تم خدا کے نزدیک ناکارہ نہیں ہو۔ ( مشکوٰۃ: ۶۱۴)
حضرت زاہر رضی اللہ عنہ دیہات کے رہنے والے تھے، وہ کوئی خوبصورت یا جاذب نظر نہیں تھے البتہ رسول اکرم ا سے انہیں کافی محبت تھی، یہی وجہ ہے کہ وہ گاؤں دیہات میں اگنے والے ساز و سامان رسول اکرم ا کی خدمت میں ہدیہ دیا کرتے تھے، ہدایا کا سلسلہ طرفین سے ہو تو زیادہ بہتر ہے، اس سے محبت میں پائیداری ہوتی ہے، چنانچہ آپ بھی ان کو بدلے کے طور پر شہر کے سامان ہدیے کے طور پر دیتے تھے، شہر میں سامان بھیجتے ہوئے حضرت زاہر کی آنکھوں کا بند کرنا مزاح کے قبیل سے تھا، جہاں اس میں انبساط اور دل بستگی ہے وہیں اس میں آپ کا حضرت زاہر سے غایت درجہ کے تعلق کا اظہار بھی ہے تاکہ وہ یہ ہرگز نہ سوچے کہ میرا وطن دیہات میں ہونے یا میری بد صورتی کے سبب حضور ا کا میری طرف کوئی خاص التفات نہیں، ظاہر ہے کہ اگر کسی بلند پایہ اور مقدس شخصیت کی طرف چھوٹی معمولی حیثیت کے کسی آدمی کے ساتھ لطیف ظرافت و مزاح کا برتاؤ ہو تو ہو اس کے لیے ایسی مسرت اور عزت افزائی کا باعث ہوتا ہے جو کسی دوسرے طریقہ سے حاصل نہیں کی جا سکتی، حضرت زاہر کو آپ کے اس مزاح سے جو خوشی ہوئی ہو گی اس کا اندازہ نہیں کیا جا سکتا، آپ نے بعد میں اس کو غلام سے تعبیر کرتے ہوئے فرمایا کہ کیا کوئی اس غلام کا خریدار ہے ؟ درحقیقت وہ کسی آدمی کا غلام نہیں تھا، اس لئے یہ جملہ بھی آپ نے از راہ مزاح فرمایا اور یہ جھوٹ بھی نہیں اس لئے کہ وہ اللہ اور اس کے رسول کا غلام تو تھا ہی۔
حضرت حسن بصریؒ سے روایت ہے کہ ایک بوڑھی عورت رسول اکرم ا کی خدمت میں حاضر ہوئی اور عرض کیا یا رسول اللہ ا ! میرے لیے خدا سے دعا کیجئے کہ مجھے جنت میں داخل کر دے، آپ نے اس سے فرمایا کہ جنت میں بوڑھی عورت داخل نہیں ہو گی، یہ سن کر وہ عورت روتی ہوئی واپس جانے لگی تو آپ نے صحابۂ  کرامؓ سے کہا کہ اسے بتا دو کہ وہ جنت میں تو جائے گی مگر بوڑھی ہو کر نہیں بلکہ جوان ہو کر، اس لئے کہ اللہ تعالی نے یہ ارشاد فرمایا ہے  اِنَّا اَنْشَاْنٰہُنَّ اِنْشَاءً فَجَعَلْنٰہُنَّ اَبْکَارًا  ’’ ہم جنت کی عورتوں کو پیدا کریں گے جیسا کہ پیدا کیا جاتا ہے پس ہم ان کو کنواری بنا دیں گے ‘‘۔ رسول اللہ ا نے اس عورت سے از راہِ مزاح فرمایا تھا کہ بوڑھی عورتیں جنت میں داخل نہیں ہوں گی اور یہ حقیقت بھی تھی کیوں کہ مذکورہ ارشاد خداوندی کے مطابق جنت میں داخل ہونے والی عورتوں کو اللہ تعالی جوان بنا کر داخل کریں گے مگر وہ بوڑھی خاتون یہ مطلب سمجھ نہیں سکی اس لئے رونے لگیں، پھر آپ نے فوراً اس کو بلوایا اور اس کے ذہن کو صاف کیا کہ تم جنت میں جاؤ گی مگر جوان ہو کر جاؤ گی۔  
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے رسول اکرم ا سے سواری کا ایک جانور مانگا تو آپ نے فرمایا کہ میں تمہاری سواری کے لیے اونٹنی کا ایک بچہ دوں گا، اس شخص نے حیرت کے ساتھ کہا : یا رسول اللہ! میں اونٹنی کا بچہ کیا کروں گا ؟ تو آپ نے فرمایا کہ اونٹ کو تو اونٹنی ہی جنتی ہے۔  (ترمذی)اس سے مقصد رسول اللہ ا کا محض ظرافت اور خوش طبعی تھی مگر اس شخص نے سمجھا کہ اونٹنی کے بچے سے مراد وہ چھوٹا بچہ ہے جو سواری کے قابل نہیں ہوتا لیکن آنحضرت ا کی مراد یہ تھی کہ سواری کے قابل جو اونٹ ہوتا ہے وہ بچہ تو اونٹنی کا ہی ہوتا ہے، اس لئے آپ نے بطور مزاح اور دل لگی کے مذکورہ ارشاد فرمایا، آپ نے اس کی حیرت پر جو جواب دیا اس کے ذریعہ نہ صرف حقیقت مفہوم کو ادا کیا بلکہ اس طرف بھی اشارہ فرمایا کہ اگر تم تھوڑی سی عقل سے کام لیتے اور میری بات کی گہرائی تک پہنچنے کی کوشش کرتے تو اس حیرت میں نہ پڑتے اور حقیقی مفہوم کو خود سمجھ لیتے، لہٰذا اس ارشاد میں صرف ظرافت ہی نہیں بلکہ اس امر کی طرف متوجہ کرنا بھی مقصود ہے کہ سننے والے کو چاہیے کہ وہ اس بات میں غور و تامل کرے جو اس سے کہی گئی ہے اور بغیر سوچے سمجھے سوال و جواب نہ کرے بلکہ پہلے اس بات کو سمجھنے کی کوشش کرے اور غور و فکر کے بعد آگے بڑھے۔ (مظاہر حق جدید ۵/۴۸۶)
صاحب ِ مشکوٰۃ نے باب المزاح کا الگ سے عنوان قائم کیا ہے اور اس کے تحت مذکورہ احادیث اور روایت کے علاوہ دوسری احادیث بھی نقل کی ہیں، جن سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ ا کبھی کبھی صحابہ کرام سے خوش طبعی کی ایسی باتیں فرماتے جن سے فطری طور پر سننے والوں کو انبساط اور خوشی کا احساس ہوتا، آپ کا مقصد مخاطب کی دل بستگی، دلداری، خوش وقتی اور آپس میں محبت و الفت کے جذبات کو مستحکم کرنا ہوتا تھا، اس لئے حضرات فقہاء و محدثین نے ایسے ہنسی مذاق جو دوسروں کی اذیت کا باعث نہ ہو سنت اور مستحب قرار دیا ہے، لیکن یاد رہے کہ اعتدال ہر چیز میں پسند ہے، مزاح کا یہ مطلب نہیں کہ شب و روز اسی کو اپنا مشغلہ بنا لیا جائے بلکہ کبھی کبھار اگر ایسا کر لیا جائے ظرافت و خوش طبعی کے طور پر تو مطلوب و محمود ہے اور ایسا مزاح و ظرافت جائز نہیں جس میں حد سے تجاوز کیا جائے اور اس کو عادت بنا لیا جائے کیوں کہ ہر وقت مزاح و ظرافت میں مبتلا رہنا اور اس میں حد سے تجاوز کرنا بہت سی خرابیوں کا باعث ہوتا ہے جیسے اس سے بہت زیادہ ہنسی اور قہقہہ آتا ہے اور قہقہہ اور بہت زیادہ ہنسی سے شریعت میں روکا گیا ہے، اسی طرح یہ قلب و ذہن کو قساوت اور بے حسی میں مبتلا کر دیتا ہے، ذکر الٰہی سے غافل کر دیتا ہے، دین میں غور و فکر اور پیش قدمی سے روکتا ہے اور اکثر اوقات اس کا انجام ایذارسانی اور آپسی بغض و عناد کی شکل میں ظاہر ہوتا ہے اسی طرح یہ بھی حقیقت ہے کہ جو شخص ہر وقت ہنسی مذاق کرتا رہتا ہے اس کی شخصیت بری طرح متاثر اور مجروح ہو جاتی ہے، ہزار علم سہی، مگر اس کا کوئی دبدبہ لوگوں پر باقی نہیں رہتا اور نہ اس کی عظمت اور وقار باقی رہتا ہے، اسی لئے آپ ا نے ایک حدیث میں کثرت ِ مزاح سے منع کرتے ہوئے ارشاد فرمایا ’’لَا تُمَارِ اخاک ولَا تُمازِحْہُ‘‘ ’’ اپنے بھائی سے جھگڑا نہ کرو اور نہ ان سے مزاح و مذاق کرو۔ ‘‘ ( ترمذی )
یہاں اگرچہ مطلق مزاح کی ممانعت ہے مگر اس سے مراد ہر طرح کا مزاح و مذاق نہیں ہوسکتا اس لئے کہ رسول اکرم ا نے خود صحابۂ  کرام کے ساتھ مزاح کا معاملہ فرمایا ہے جیسا کہ اوپر کی روایات سے معلوم ہوا اور ایسا نہیں ہوسکتا کہ جس چیز سے منع کیا جائے اور جس سے امت کو روکا جائے خود آپ ا اس کو انجام دیں ۔ امام نوویؒ شارحِ مسلم نے دونوں میں اس طرح تطبیق دی ہے کہ کثرت مزاح جو قساوت ِ قلب کا باعث ہو جائے یا اللہ تعالی کے ذکر و فکر سے روک دے یا ایذاء مسلم کا سبب بن جائے یا وقار و ہیبت گرا دے وہ ممانعت میں داخل ہے اور جو ان سب سے خالی ہو محض دوسرے کی دلداری اور اس کے انبساط کا سبب ہو وہ مستحب ہے اور یہی رسولِ اکرم ا کا عمل ہے۔  (شمائل ترمذی مترجم: ۲۲۱)
یہ واقعہ ہے کہ بہت زیادہ ہنسی مذاق کرنے سے نتیجتاً آپسی تعلقات رنجش اور تلخی میں تبدیل ہو جاتے ہیں، مذاق کرنے والے کا رعب و دبدبہ ختم ہو جاتا ہے، اس لئے مزاح کرتے ہوئے جہاں اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ اس میں کسی کی ایذاء رسانی اور تحقیر شامل نہ ہو وہیں یہ بھی خاص خیال رکھا جائے کہ حد اعتدال سے نہ نکلنے پائے، کسی چیز کا بھی اعتدال جب ختم ہو جاتا ہے تو اس کا حسن جاتا رہتا ہے، البتہ یہ بہتر بات ہے کہ گاہے بگاہے مزاح اور ظرافت کا معاملہ کر لیا جائے، مزاج کو خشک رکھنے کے بجائے اس کو ملنسار، نفع بخش اور لذت آمیز رکھنا چاہئے خاص طور پر یہ ان لوگوں کے لیے ضروری ہو جاتا ہے جن کو اللہ نے رعب و دبدبہ عطا کیا ہو، جو قوم کا رہبر اور سرپرست ہو جیسے اساتذہ، بادشاہ اور مشائخ وغیرہ، اگر یہ لوگ اپنے چہرے کو تُرش بنائے رکھیں، کبھی تبسم اور مسکراہٹ بھی چہرے پر نہ ہو اور نہ ہی ظرافت یا خوش طبعی کا کوئی عمل ہو تو عوام ان سے استفادہ نہیں کرسکیں گے، رعب و دبدبہ کی بنیاد پر کوئی بات کہنے کی طاقت نہیں رکھے گا، اس طرح افادہ اور استفادہ کی راہ مسدود ہو جائے گی، شاید یہی وجہ ہے کہ رسول اکرم ا نے خوش طبعی اور مزاح و ظرافت کا پہلو اختیار کیا ہے، ورنہ آپ کا ذاتی وقار اتنا بڑھا ہوا تھا کہ ایک مہینے کے سفر کی دوری تک آپ کا رعب پہنچتا تھا، صحابہ جو رات دن مجلس نبوی میں رہتے ان کو بھی ہمت نہ ہوتی کی سر اٹھا کر مکمل نگاہ آپ کے چہرۂ  مبارک پر ڈال سکیں، اس لئے اگر حضور اکرم ا تبسم اور مزاح کا اہتمام نہ فرماتے تو حاضرین کو رعب کی وجہ سے پاس رہنا مشکل ہو جاتا اور انتفاع کے اسباب مسدود ہو جاتے، اس میں بڑی عبرت اور سبق ہے ان لوگوں کے لیے جو ہمیشہ ترش مزاج  بنے رہتے ہیں، جن کو مسکراتے ہوئے یا ظرافت اور بے تکلفی سے بات کرتے ہوئے بڑی شرم آتی ہے اور وہ ان چیزوں کو اپنی بلندی اور شان و مرتبہ کے خلاف سمجھتے ہیں ۔ قربان جایئے رسول اکرم ا پر جنہوں نے اپنے اسوۂ  حسنہ کے ذریعہ امت کو ایک ایک چیز کی تعلیم دی، ادب اور معاشرت کا ایسا طرز سکھایا کہ جس سے بہتر کوئی انداز نہیں ہوسکتا۔  
یہاں اس پہلو پر بھی نظر رہے کہ مذاق میں جھوٹ بولنا جائز نہیں ہے آج کل یہ رواج چل چکا ہے کہ کسی سے کوئی جھوٹی اور نازیبا گفتگو کرنے کے بعد بہت آسانی سے کہہ دیا جاتا ہے کہ میں نے مذاق کیا، یہ طریقہ شرعاً درست نہیں ہے، حد اعتدال کے ساتھ مزاح و مذاق بلاشبہ درست ہے مگر وہاں بھی حقانیت کو ترک نہ کیا جائے، حق اور سچی بات کہہ کر جو بھی بات میں مذاق پیدا کرسکے، کیا جا سکتا ہے کوئی حرج نہیں ہے جب کہ کسی کی ایذاء رسانی نہ ہو۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ ایک مرتبہ صحابہ نے رسول اکرم ا سے عرض کیا یا رسول اللہ! آپ بھی ہم سے مزاح فرماتے ہیں تو آپ ا نے جواب دیا کہ میں صرف حق بات ہی کی حد تک مزاح کرتا ہوں ۔ ( شمائل ترمذی) 
صحابۂ  کرامؓ کو معلوم تھا کہ نبی اکرم ا نے مذاق سے منع فرما رکھا ہے اور یہ کہ مذاق میں عام طور پر غلط سلط باتیں بھی ہوتی ہیں، اس لئے تعجب سے سوال کیا کہ آپ مزاح بھی فرماتے ہیں آپؐ نے جواب دیا کہ صرف اسی حد تک کہ جہاں تک کہ حق بات ہو، میں غلط بات نہیں کہتا، کسی کا تمسخر نہیں کرتا، حد ِ اعتدال سے تجاوز نہیں کرتا اور اس طرح کا مزاح نہ صرف جائز بلکہ بسا اوقات ضروری ہو جاتا ہے ورنہ استحباب کا درجہ تو ہے ہی۔  
آج کا مزاج یہ ہو گیا ہے کہ لوگ مزاح و مذاق کے نام پر ایک دوسرے کا تمسخر اور مذاق اڑانے لگتے ہیں بلکہ طعنہ زنی اور عیب جوئی کی نوبت آ جاتی ہے، یہ تمام صورتیں قرآن کی صراحت کے مطابق حرام ہیں، خواہ اس کا تعلق زبان سے ہو یا عمل سے، جیسے کسی شخص کی تحقیر و توہین کے لیے اس کی آواز، انداز گفتگو یا کوئی عیب نقل کرنا جس سے لوگ ہنسنے لگیں یا اسی طرح کوئی لنگڑا ہے، اس کی حقارت کے لیے کوئی لنگڑاتا ہوا چل کر دکھائے کوئی ایک آنکھ سے محروم ہے اور وہ ایک آنکھ سے دیکھتا ہے تو دوسرا بھی اسی طرح نقالی کر کے بتائے، یقیناً اس سے اس شخص کو بہت سخت تکلیف پہنچے گی اور اپنے عمل یا قول سے کسی کو تکلیف پہنچانا حرام ہے، اسی لئے قرآن میں سورہ حجرات آیت ۱۱ میں علیحدہ علیحدہ مرد و عورتوں کو اس سے روکا گیا ہے، اس سے اس کی غیر معمولی اہمیت اور شدت کا اندازہ ہوتا ہے، اگر کسی شخص کے بدن یا صورت یا قد و قامت وغیرہ میں کوئی عیب نظر آئے تو کسی کو اس پر ہنسنے یا استہزاء کرنے کی جرات نہیں کرنا چاہئے کیوں کہ اسے معلوم نہیں کہ شاید وہ اپنے صدق و اخلاص وغیرہ کے سبب اللہ کے نزدیک اس سے بہتر اور افضل ہو حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں اگر کسی کتے کے ساتھ بھی استہزا کروں تو مجھے ڈر ہوتا ہے کہ میں خود کتا نہ بنا دیا جاؤں ۔ (قرطبی: ۱۶/۲۱۳)
انسان اپنے علم، دولت اور شخصیت پر تکبر نہ کرے کہ یہ چیزیں فانی ہیں، اپنے سے کمتر حیثیت کے افراد کو دیکھ کر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے اور بندوں کے ساتھ اخلاص و محبت سے پیش آنا چاہئے اس سے ان میں احترام کا جذبہ پیدا ہو گا اور تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، بلاشبہ خوش گوئی اور خوش کلامی آپس میں میل ملاپ پیدا کرتی ہے اور بد گوئی و بد کلامی پھوٹ پیدا کرتی ہے جو شیطانوں کا کام ہے، اگر آپ آخرت کے ساتھ دنیا میں بھی عزت و مقام چاہتے ہیں تو زبان پر قابو رکھیے اور اپنے اخلاق کو بہتر بنائیے۔
٭٭٭



مہمانی اور میزبانی سے متعلق چند شرعی ہدایات

مہمان نوازی انسانی حقوق میں سے ہے، اس میں ایک انسان کی ضرورت کی تکمیل ہے اور ہمدردی و محبت کا اظہار بھی، اس لیے ہر زمانے میں مہمانی اور مہمان نوازی کا طریقہ رائج رہا ہے۔ زمانۂ  جاہلیت میں تمام برائیاں سہی، مگر مہمانی نوازی کا اعلیٰ ذوق ان میں پایا جاتا تھا۔ اہل عرب مہمان کا بہت بڑا حق سمجھتے تھے، مہمان کی خدمت، حفاظت، سہولت اور آرام کے وسائل مہیا کرنے میں بطورِ خاص ان کو دلچسپی تھی، اسلام آیا تو مزید اس کی اہمیت میں اضافہ ہوا۔
حضرت شریح کعبی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو شخص اللہ اور یومِ آخرت پر ایمان رکھتا ہے اس کو چاہیے کہ اپنے مہمان کی تعظیم و خاطرداری کرے، مہمان کے ساتھ تکلف و احسان کرنے کا زمانہ ایک دن اور ایک رات ہے اور مہمان داری کرنے کا زمانہ تین دن ہے، اس تین دن کے بعد جو دیا جائے گا وہ ہدیہ و خیرات ہو گا اور مہمان کے لیے یہ جائز نہیں ہے کہ وہ میزبان کے یہاں اس کی خواہش کے بغیر تین دن سے زائد ٹھہرے کہ وہ تنگی میں مبتلا ہو جائے۔ (صحیح بخاری و مسلم)
حدیث ِ مذکور میں مہمان نوازی کو ایمان کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے، اس سے ایمان کی نفی مقصد نہیں ہے کہ اگر مہمان کا اکرام نہ کیا جائے تو ایمان جاتا رہے گا بلکہ محض مہمان نوازی کی ترغیب اور تعلیم مقصود ہے۔ مفہوم میں قوت اور تاکید پیدا کرنے کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ اسلوب اختیار کیا ہے یا اس سے کمالِ ایمان کی نفی بھی مراد لی جا سکتی ہے، یعنی وہ مسلمان کامل ایمان والا نہیں جو مہمان کی مہمان نوازی بہتر انداز میں نہ کرے۔ (مرقاۃ المفاتیح: ۴/۲۰۱) بہرحال مفہوم کچھ بھی ہو مہمان نوازی کی غیر معمولی اہمیت کا اس سے پتہ چلتا ہے۔ دوسری بعض احادیث میں اس مفہوم کو اور بھی تاکیدی الفاظ میں بیان کیا گیا ہے، جس کے سبب بعض علماء مہمان نوازی اور ضیافت کو واجب قرار دیتے ہیں، لیکن جمہور کی رائے استحباب کی ہے، یعنی یہ انسان کے حسن اخلاق میں شامل ہے کہ مہمان کی دل کھول کر ضیافت کی جائے، اپنی وسعت کے مطابق اس کا اکرام و احترام کیا جائے اور اس کے ساتھ حسن سلوک کا معاملہ کیا جائے۔ یہ سنت ِ رسولؐ ہے اور بے انتہاء خیر و برکت کا ذریعہ بھی۔ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد نقل کیا ہے کہ جس گھر میں مہمانوں کو کھانا کھلایا جاتا ہے وہاں خیر یعنی رزق، برکت اور بھلائی اتنی تیزی سے پہنچتی ہے جتنی تیزی سے چھری بھی اونٹ کے کوہان کی طرف نہیں پہنچتی۔ (مشکوٰۃ: ۳۷۰)
عرب کے رواج کے مطابق آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اونٹ کی مثال دی ہے، جب اونٹ کا گوشت کاٹا جاتا ہے تو اس کے سب اعضاء سے پہلے اس کے کوہان کو کاٹتے ہیں اور چوں کہ کوہان کا گوشت زیادہ لذیذ ہوتا ہے اس لیے وہ شوق کے ساتھ کھایا بھی جاتا ہے۔ حاصل یہ ہوا کہ جس طرح کوہان پر چھری پہنچتی ہے اس سے بھی زیادہ جلد اس گھر میں خیر و بھلائی پہنچتی ہے جس میں مہمانوں کو کھانا کھلایا جاتا ہے۔ 
ایک مسلمان کو یقین رکھنا چاہیے کہ مہمان جب آتا ہے تو اپنے ساتھ برکتوں اور رحمتوں کا خزینہ لے کر آتا ہے۔ مہمان کی ضیافت سے کھانے میں کمی نہیں بلکہ بے انتہا اضافہ ہوتا ہے، غیب سے اللہ تعالیٰ اس کا انتظام فرماتے ہیں کہ وہ جس کو آپ کے یہاں بھیجتا ہے اس کا رزق بھی اتار دیتا ہے، وہ آپ کے دسترخوان پر آپ کی قسمت کا نہیں کھاتا بلکہ اپنے مقدر کا کھاتا ہے اور اللہ کے نزدیک آپ کے اعزاز و اکرام میں اضافہ کا باعث بنتا ہے۔ احکامِ الٰہی کے رمزشناس حضرت مولانا شاہ ولی اللہ محدثِ دہلویؒ ضیافت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں :
’’مہمان نوازی فیاضی کے قبیل سے ہے، جو چار اہم صفات میں سے ایک ہے، اس سے ملک و ملت کی شیرازہ بندی ہوتی ہے، یعنی لوگ ایک دوسرے سے جڑتے ہیں اور ان میں باہم محبت و مؤدّت پیدا ہوتی ہے اور مسافروں کو پریشانی سے نجات ملتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ مہمان نوازی کو زکوٰۃ کی طرح لازمی حکم قرار دیا جائے، اس کی ترغیب دی جائے اور اس پر ابھارا جائے، چنانچہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: مؤمن پر مہمان کا اکرام لازم ہے۔‘‘ (رحمۃ اللہ الواسعۃ: ۵/۴۸۵)
مہمان کے اکرام اور خاطر تواضع میں وہ ساری باتیں داخل ہیں جو مہمان کے اعزاز و اکرام، آرام و راحت، سکون و مسرت اور تسکین جذبات کے لیے ہوں، خندہ پیشانی اور خوش اخلاقی سے پیش آنا، ہنسی خوشی اور مزاحیہ کلمات سے دل بہلانا، اٹھنے بیٹھنے، سونے اور کھانے پینے کا بہتر انتظام کرنا، اس کی ضروریات کا لحاظ رکھنا، اپنے معزز دوستوں سے تعارف اور ملاقات کرانا، تکلیف دہ باتوں سے پرہیز کرنا، خود بنفس نفیس خدمت کرنا، اس کے علاوہ اکرام میں وہ تمام چیزیں داخل ہوں گی جن سے مہمان کا دل خوش ہوتا ہو۔ حضرات صحابہؓ  شروع کے ایام میں اگرچہ خود محتاج تھے، انہیں پیٹ بھر کھانا نصیب نہیں تھا لیکن جب مہمان آتے تو دل کی گہرائی، وسعت ِ قلبی، کشادہ پیشانی اور نہایت خوش خلقی سے پیش آتے، اگر گھر میں کچھ ہوتا تو اپنے کھانے سے پہلے مہمان کو پیش کرتے، مہمان کے کھانے کے بعد کچھ بچتا تو کھاتے ورنہ بھوکے رہ جاتے اور اس عمل پر انہیں قلبی مسرت محسوس ہوتی تھی۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ ایک شخص رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا کہ میں بھوک سے پریشان ہوں، آپؐ نے ازواجِ مطہراتؓ میں سے ایک کے پاس اطلاع بھیجی تو ان کا جواب آیا کہ ہمارے پاس تو اس وقت بجز پانی کے کچھ نہیں ہے، دوسرے کے پاس پیغام بھیجا وہاں سے بھی یہی جواب آیا، پھر تیسری چوتھی، یہاں تک کہ تمام امہات المومنینؓ کے پاس بھیجا اور سب کا ایک ہی جواب آیا کہ پانی کے سوا ہمارے پاس کچھ بھی نہیں، اب آپؐ نے حاضرین مجلس سے خطاب فرمایا کہ کون ہے جو آج رات اس شخص کی مہمانی کرے، ایک انصاری نے عرض کیا: یارسول اللہ! میں کروں گا، وہ ان کو ساتھ لے گئے اور جا کر گھر میں پوچھا کہ کھانے کے لیے کچھ ہے؟ تو بیوی نے بتلایا کہ صرف اتنا ہے کہ ہمارے بچے کھالیں، انصاری بزرگ نے بچوں کو سلادینے کے لیے فرمایا اور فرمایا کہ مہمان کے سامنے کھانا رکھنے اور خود ساتھ بیٹھ جانے کے بعد اٹھ کر چراغ گل کر دینا کہ ہمارے نہ کھانے کا مہمان کو احساس نہ ہو، مہمان نے کھانا کھا لیا، جب یہ صبح کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے تو آپؐ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے تمہارے اس معاملہ کو جو تم نے گذشتہ رات اپنے مہمان کے ساتھ کیا بہت پسند فرمایا، اس واقعہ پر قرآن کی یہ آیت نازل ہوئی: وَ یُؤْثِرُوْنَ عَلٰی اَنْفُسِہِمْ وَ لَوْ کَانَ بِہِمْ خَصَاصَۃٌ۔ (سورہ حشر: ۹)
’’اور یہ لوگ ان کو اپنی جانوں پر بھی ترجیح دیتے ہیں اگرچہ ان کو فقر و فاقہ ہی کیوں نہ ہو۔‘‘ (قرطبی بحوالہ معارف القرآن: ۸/۵۷۳)
انصاری صحابی کے پاس اتنا کھانا نہیں تھا کہ مہمان کی ضیافت کرسکتے، اس لیے اگر وہ مہمان کو ساتھ نہ لے جاتے یا گھر پہنچنے کے بعد عذر کر دیتے تو کوئی حرج نہیں تھا، اس پر کوئی گرفت نہ ہوتی، مگر وہ مہمان نوازی کے خیر و برکت سے واقف تھے، ان کو یقین تھا کہ اس کو کھلانے سے اللہ کی رضامندی ملے گی اور قدرت کی جانب سے خزانۂ  غیب سے بے شمار عطایا حاصل ہوں گے، اسی لیے انہوں نے اپنے پیارے بچوں کو بھوکا سلادینا گوارہ کیا، پر َ مہمان کے اکرام و احترام میں کوئی کمی نہ ہونے دی، کھانا کم تھا اس لیے چراغ بجھا دینے کی حکمت اپنائی، تاکہ مہمان تکلف میں کھانا کم نہ کھائے۔ یہ عمل اللہ تعالیٰ کو اتنا پسند آیا کہ اس کی تعریف و توصیف میں قرآن کی آیت نازل کی گئی، جو قیامت تک تلاوت کی جاتی رہے گی، اس سے جہاں صحابۂ  کرامؓ کی مہمان نوازی، ایثار، محبت و ہمدردی کے جذبۂ  صادق کا علم ہوتا ہے وہیں ضیافت اور مہمان نوازی کی غیر معمولی اہمیت کا پتہ چلتا ہے۔ افسوس کہ آج کل تمام اسباب و وسائل اور فراخی کے باوجود مہمانوں کے احترام و اکرام کا مزاج نہ کے برابر ہے، کسی مہمان کو دیکھنے کے بعد استقبال اور کشادہ قلبی کے بجائے تنگ دلی، بے رخی، سرد مہری اور کڑھن کا احساس ہوتا ہے، اس کیفیت کے ساتھ اگر خوب اور اچھا کھانا کھلا بھی دیا جائے تو کیا حاصل؟ رحمتوں اور برکتوں کا نزول ہو گا اور نہ ہی اجر و ثواب کا مستحق قرار دیا جائے گا۔ ایسے لوگوں کو سوچنا چاہیے کہ وہ بھی جب کسی کا مہمان بنیں گے تو ان کے ساتھ اچھا برتاؤ نہیں کیا جائے گا، اس لیے کہ یہ قدرت کا نظام ہے کہ جو جیسا معاملہ کرتا ہے اس کے ساتھ اسی جیسا معاملہ کیا جاتا ہے، دوسرے کا احترام کیے بغیر اپنے احترام کی امید فضول ہے۔ آج ہم اپنے مہمان کے ساتھ نیک سلوک اور عزت کا برتاؤ کریں گے تو کل وہ ہمارے ساتھ کرے گا، کم از کم اس پہلو سے بھی مہمان کی عزت کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ ایک دن اور ایک رات میزبان کو مکمل تکلف سے کام لینا چاہیے، گویا پہلا دن خصوصی خاطر مدارات کا ہے، جہاں تک ہوسکے اس دن مہمان نوازی کا مکمل اہتمام کیا جائے، جس طرح انعام دینے والا دل کی انتہائی خوشی اور محبت کے گہرے جذبات کے ساتھ انعام دیتے ہوئے روحانی سرور محسوس کرتا ہے ٹھیک یہی کیفیت پہلے شب و روز میں میزبان کی ہونی چاہیے، اسی لیے حدیث میں اس کو ’’جائزہ‘‘ یعنی انعام سے تعبیر کیا گیا ہے۔ ایک دن اور ایک رات کے بعد ضیافت کے سلسلے میں وہ غیر معمولی اہتمام نہ رہ سکے تو کوئی مضائقہ نہیں، تاہم تین دن تک مہمان کا حق ہے کہ اس کے کھانے پینے کا انتظام کیا جائے اور شوق و محبت میں کوئی کمی نہ کی جائے، تین دن کے بعد میزبان کو اختیار ہے، ثواب کی نیت سے ضیافت کے سلسلے کو باقی رکھے یا مہمان سے معذرت کر لے۔
قرآن مجید میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کے مہمانوں کا تذکرہ اس طرح کیا گیا ہے: ہَل اَتٰکَ حَدِیْثُ ضَیْفِ اِبْرَاھِیْمَ الْمُکْرَمِیْنَ اِذْ دَخَلُوْا عَلَیْہِ فَقَالُوْا سَلٰمًا قَالَ سَلٰمٌ مُنْکَرُوْنَ فَرَاغَ اِلٰی اَہْلِہٖ فَجَائَ بِعِجْلٍ سَمِیْنٍ فَقَرَّبَہٗ اِلَیْہِمْ قَالَ اَلَا تَاکُلُوْنَ۔ (ذاریات: ۲۴-۲۷) ’’اے پیغمبر! ابراہیم کے معزز مہمانوں کی حکایت بھی تم تک پہنچی ہے؟ کہ جب یہ لوگ ان کے پاس آئے تو آتے ہی سلام کیا، ابراہیم ؑ نے جواب میں سلام کیا اور دل میں کہا کہ یہ لوگ تو کچھ اجنبی سے معلوم ہوتے ہیں، پھر جلدی سے گھر میں جا کر ایک موٹا تازہ بچھڑا یعنی اس کا گوشت بھنوا کر مہمانوں کے لیے لائے اور ان کے سامنے رکھا تو انہوں نے تامل کیا، حضرت ابراہیم علیہ السلام نے پوچھا آپ لوگ کھاتے کیوں نہیں ۔‘‘ یہ مہمان دراصل فرشتے تھے، جو بہ شکل انسان حضرت ابراہیم علیہ السلام کے پاس آئے تھے۔ اہل ذوق مزید تفصیلات مذکورہ آیات کی تفسیر میں پڑھ سکتے ہیں ۔
حضرات مفسرین نے ان آیات کی روشنی میں مہمان نوازی کے بعض آداب کا تذکرہ کیا ہے، جو اپنی جگہ بڑی اہمیت کے حامل ہیں ۔ ذیل میں چند آداب ملاحظہ کیے جا سکتے ہیں :
(۱)  مہمان اور میزبان میں کلام کی ابتداء باہمی سلام سے ہونا چاہیے، مہمان کو چاہیے کہ وہ سلام میں پہل کرے، جیسا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے مہمان نے سلام کا آغاز کیا، اگر کسی وجہ سے مہمان سلام نہ کرسکے تو میزبان سلام کرے اور خیر و عافیت معلوم کرے۔
(۲)  مہمان کو کھانے پینے کا سامان فوراً تیار کرنا چاہیے، حضرت ابراہیم علیہ السلام کے مہمان جب آئے تو حضرت ابراہیم علیہ السلام فوراً ان کے کھانے پینے کے انتظام میں لگ گئے۔ بہتر طریقہ یہ ہے کہ مہمان کے آنے کے ساتھ پانی، شربت، چائے،  بسکٹ یا اس طرح کی دوسری چیزیں جو بآسانی مہیا ہوں پیش کرے، تاکہ کھانا تیار ہونے تک مہمان بھوکا نہ بیٹھے۔
(۳)  جہاں تک ہوسکے بہتر سے بہتر کھانا پیش کرے جیسا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے موٹا تازہ بچھڑا بھون کر پیش کیا۔
(۴)  مہمانوں کے کھانے پینے کا سامان مخفی طور پر ان کی نگاہ سے بچا کر کرنا چاہیے، کیوں کہ مہمانوں کو جب آپ کی سرگرمیوں کا علم ہو گا تو وہ از راہِ تکلف آپ کو روکیں گے، اسی لیے حضرت ابراہیم علیہ السلام خاموشی سے از خود سامانِ ضیافت تیار کرنے چلے گئے۔
(۵)  کسی بہانے میزبان کو مہمان سے تھوڑی دیر کے لیے علاحدہ ہو جانا چاہیے، تاکہ اس کو آرام کرنے اور اپنی ضروریات سے فارغ ہونے کا موقع مل سکے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے پاس جب مہمان آئے تو ان کے کھانے پینے کے انتظام کے لیے مہمانوں سے کچھ دیر کے لیے الگ ہو گئے۔
(۶)  کھانا مہمانوں کے سامنے پیش کرنا چاہیے، ان کو کھانے کا حکم نہیں دینا چاہیے، اسی لیے حضرت ابراہیم علیہ السلام نے ان کے سامنے کھانا پیش کیا، حکم نہیں دیا۔
(۷)  مہمانوں کے کھانے سے مسرور اور نہ کھانے سے مغموم ہونا چاہیے، کیوں کہ جو لوگ بخیل ہوتے ہیں وہ کھانا تو مہمانوں کے سامنے پیش کر دیتے ہیں لیکن ان کی خواہش یہی ہوتی ہے کہ مہمان کم کھائے یا نہ کھائے، اسی لیے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو مہمانوں کے نہ کھانے پر اندیشہ ہوا۔ نبی ٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول تھا کہ مہمانوں کو جب اپنے دسترخوان پر کھانا کھلاتے تو فرماتے: ’’اور کھائیے اور کھائیے‘‘
(۸)  مہمان کی عزت و آبرو کا مکمل لحاظ رکھے اور اس کی عزت و آبرو کو اپنی عزت و آبرو سمجھے۔ حضرت لوط علیہ السلام کے مہمانوں پر بستی کے لوگوں نے بدنیتی کا ارادہ کیا تو وہ مدافعت کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے اور فرمایا: ’’یہ لوگ میرے مہمان ہیں ان کے ساتھ بدسلوکی کر کے مجھے رسوا نہ کرو۔‘‘
(۹)  نبی ٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جب معزز مہمان آتے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم خود بنفس نفیس ان کی خاطرداری فرماتے، اس لیے میزبان کو چاہیے کہ مہمان کی خود خدمت کرے، ملازموں یا بچوں کے حوالے نہ کرے، مہمان سے استغنائی کیفیت بہتر نہیں ہے۔ حضرت امام شافعیؒ جب امام مالکؒ کے یہاں جاکر بطورِ مہمان ٹھہرے تو امام مالکؒ نے نہایت عزت و احترام سے انہیں ایک کمرے میں سلا دیا، سحر کے وقت امام شافعیؒ نے سنا کہ کسی نے دروازہ کھٹکھٹایا اور بڑی ہی شفقت سے آواز دی: ’’آپ پر خدا کی رحمت ہو، نماز کا وقت ہو گیا ہے۔‘‘ امام شافعیؒ فوراً اٹھے، کیا دیکھتے ہیں کہ امام مالکؒ ہاتھ میں پانی کا بھرا ہوا لوٹا لیے کھڑے ہیں، امام شافعیؒ کو کچھ شرم سی محسوس ہوئی، امام مالکؒ تاڑ گئے اور نہایت محبت کے ساتھ بولے: ’’بھائی! تم کوئی خیال نہ کرو، مہمان کی خدمت تو کرنا ہی چاہیے۔‘‘ (آدابِ زندگی: ۲۰۲)
مہمان اچھے ہوں یا برے، ہر ایک کے ساتھ اچھا سلوک کرنا چاہیے، کسی موقع پر اگر مہمان نے آپ کے ساتھ بے مروّتی اور روکھے پن کا سلوک کیا ہو تب بھی آپ اس کے ساتھ نہایت فراخ دلی، وسعت ِ ظرفی اور فیاضی کا سلوک کیجیے۔
مہمانوں کو بھی درجِ ذیل آداب کا خیال رکھنا چاہیے:
(۱)  مہمان کو حسب ِ حیثیت میزبان یا میزبان کے بچوں کے لیے کچھ تحفے تحائف لے جانا چاہیے، تحفوں اور ہدیوں کے تبادلے سے محبت اور تعلق کے جذبات بڑھتے ہیں ۔
(۲)  جس کے یہاں بھی مہمان بن کر جائیں کوشش کریں کہ تین دن سے زیادہ نہ ٹھہریں مگر یہ کہ میزبان کا شدید اصرار ہو۔
(۳) میزبان کو اپنے یہاں آنے کی دعوت دیجیے اور آنے پر خوب خاطر تواضع کیجیے۔
(۴)  مہمان کو موسم کے لحاظ سے ضروری سامان لے لینا چاہیے، جیسے چادر، بستر وغیرہ، تاکہ میزبان کو تکلیف نہ اٹھانی پڑے اور مہمان وبالِ جان نہ بن جائے۔
(۵)  میزبان کی مصروفیات کا خیال رکھیے، کہیں آپ کی وجہ سے ان کا معمول متاثر نہ ہو۔
(۶)  میزبان سے کسی چیز کا مطالبہ نہ کیجیے، جو حاضر ہو اس پر اکتفا کر لیا جائے۔
(۷)  میزبان کی خواتین اگر غیر محرم ہوں تو ان کی طرف تاک جھانک نہ کریں اور کوشش کریں کہ مہمان کی موجودگی سے انہیں کوئی تکلیف اور دقت نہ ہونے پائے۔
(۸)  مہمان کو چاہیے کہ اگر کسی وجہ سے کھانا نہ کھائے تو بہتر انداز میں معذرت کر دے۔
(۹)  کھانا کھانے کے بعد میزبان کے لیے کشادہ روزی، خیر و برکت اور رحمت و مغفرت کے لیے دعا کرنی چاہیے۔ (آدابِ زندگی: ۶۰۲)
مہمانی اور میزبانی کے جو آداب اور اصول بیان کیے گئے ہیں ان کی اگر مکمل رعایت کی جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ اتحاد، محبت اور ہمدردی کا ماحول پیدا نہ ہو۔ بلاشبہ ضیافت ایک اونچا اور با فیض عمل ہے، جس کا رواج عرب ملکوں میں آج بھی کثرت سے موجود ہے، ضرورت ہے کہ ہم بھی اپنے معاشرے میں اس کو عام کریں، مالدار ہو یا غریب، رشتہ دار ہو یا نہ ہو، ایمان و انسانیت کی بنیاد پر ہر مہمان کا اکرام و احترام کیا جائے اور مکمل کشادہ قلبی سے اس کا استقبال کیا جائے کہ یہ رضامندیِ الٰہی کا ذریعہ بھی ہے اور خیر و برکت کا سرچشمہ بھی۔
پھولوں کو تو سر خوب چڑھاتا ہے زمانہ
 ہے کوئی جو کانٹوں کو بھی سینے سے لگائے
٭٭٭



مریض کی عیادت اور رسولِ اکرمؐ کا اسوہ

صحت اور بیماری انسان کے ساتھ لگی رہتی ہے شاید کوئی ایسا انسان نہیں جو ہمیشہ صحت یاب رہا ہو اور ایک لمحہ کے لیے بھی کسی مرض میں مبتلا نہ ہوا ہو، اس میں کوئی شک نہیں کہ صحت آدمی کے لیے ہزار نعمت ہے تمام دینی و معاشرتی خدمات اہل وعیال کی نگرانی، تجارت و کاروبار بلکہ دنیا کا کوئی بھی ایسا کام نہیں جس کے لیے صحت کی ضرورت نہ ہو، اسی لیے ہر شخص یہ تمنا کرتا ہے کہ وہ ہمیشہ صحتمند اور تر و تازہ رہے لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ بیماری صرف دکھ اور مصیبت کی چیز ہے اس میں راحت اور نعمت کا کوئی پہلو نہیں، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات میں غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ بیماری ایک طرح سے رحمت بھی ہے اس سے گناہوں کی صفائی ہوتی ہے اور جنت میں درجات بلند ہوتے ہیں، اللہ تعالیٰ بعض بندوں کے لیے آخرت میں بلند مقام کا فیصلہ کرتا ہے مگر ان کے پاس وہ اعمال نہیں جن کے سبب وہ اس کے مستحق ہوسکیں اس لیے بسا اوقات بعض بیماریوں میں مبتلا کر کے ان کو اس قابل بنایا جاتا ہے کہ وہ آخرت کی اس بلندی اور مقام کے اہل ہو جائیں، اس لیے اللہ کے سعادت مند بندوں کو چاہیے کہ مصیبت اور بیماری پر صبر کریں اللہ کی مرضی پر ہر حال میں خوش رہیں، دوا اور ظاہری اسباب کو اختیار کرنے کے ساتھ ضرور اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ ان مصائب و امراض میں ضرور اللہ کی حکمتیں پوشیدہ ہوں گی۔ 
یہ بات تو ظاہر ہے کہ شریعت نے مریض کو صبر کرنے کی تاکید کی ہے مگر اس کے تعلق سے اس کے رشتہ داروں، پڑوسیوں اور عام مسلمانوں پر بھی کچھ حقوق عائد ہوتے ہیں جن کی نگہداشت آخرت پر یقین رکھنے والوں کے لیے از حد ضروری ہے۔ کسی بھی بیمار شخص کے تئیں ایک مسلمان کا فرض بنتا ہے کہ اس کے ساتھ ہمدردی اور غمخواری کی جائے، اس کے احوال پوچھے جائیں اور جہاں تک ہوسکے اس کا تعاون کیا جائے، اسی کو عربی زبان میں عیادت کہا جاتا ہے۔  عیادت کی ادنیٰ قسم تو یہ ہے کہ بیمار کے پاس جا کر اس کی مزاج پرسی کر لی جائے یا تیمار داروں سے اس کے احوال معلوم کر لیے جائیں لیکن عیادت کی اعلیٰ قسم یہ ہے کہ اس کے ساتھ مکمل غمخواری کی جائے یعنی اگر اس بیمار کے پاس پیسے کی کمی ہے اور اللہ نے آپ کو وسعت دی ہے تو آپ پیسوں کے ذریعہ اس کا تعاون کریں تا کہ دوا و علاج صحیح طور پر کیا جا سکے۔ اگر خدمت گزاری کی ضرورت ہوتو اس کا انتظام کیا جائے۔صحیح ڈاکٹر کی رہنمائی کی جائے، اپنے علم کے اعتبار سے صحیح، مفید اور بہتر مشورے دئیے جائیں بہر حال جیسا بھی ہو ایک مسلمان کی پہچان یہ ہے کہ کسی بھی مسلمان بھائی کو مرض اور بیماری میں مبتلا دیکھ کر اس کے رحم کے جذبات ابھریں اور اس کی مصیبت کا اسے بھی احساس ہو، بلاشبہ ہر بیمار قابل رحم ہوتا ہے کیا بعید ہے کہ اس کی بیماری پر رحم کرنے والا جب کبھی مرض میں مبتلا ہو جائے تو غیب سے اللہ تعالیٰ اس پر رحم کرنے والے افراد کو مہیا کریں، شریعت نے بھی بیماروں کے ساتھ ہمدردی کی ہے کہ وہ بہت سے فرائض جن کے ادا کرنے سے وہ مجبور ہیں یا جن کے ادا کرنے سے ان کی تکلیف میں زیادتی ہوسکتی ہے ان کو یک قلم معاف کر دیا گیا ہے۔ مثلاً ایک بیمار ایسا ہے جس کے لیے پانی کا استعمال نقصان دہ ہے یا وضو کرنے کی اس کو طاقت نہیں تو شریعت نے اسے وضو کا مکلف نہیں بنایا بلکہ تیمم سے نماز پڑھنے کی تاکید کی ہے، اسی طرح اصل یہ ہے کہ نماز کھڑے ہو کر ادا کی جائے مگر کوئی شخص کھڑے ہو کر نماز پڑھنے کی قدرت نہیں رکھتا تو اسے بیٹھ کر نماز پڑھنے کی اجازت ہے۔ بیماری کی بنیاد پر جمعہ کی نماز معاف ہو جاتی ہے، روزہ کو رمضان میں ادا کرنے کے بجائے صحت و تندرستی پانے کے بعد رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔  اسی طرح حج کے احکام میں بھی بہت سی رخصتیں دی گئی ہیں ۔ قرآن کریم کے متعدد مقامات میں یہ ارشاد ہے: وَ لَا عَلَی الْمَرِیْضِ حَرَجٌ۔ اور نہ بیمار پر کوئی تنگی ہے۔ 
جب شریعت نے بیماروں کے ساتھ یہ ہمدردی کی ہے کہ بہت سے احکام ان سے وضع کر لیے گئے ہیں یا ان میں تسہیل دی گئی ہے تو بندوں کو ان کے ساتھ کتنی ہمدردی کرنی چاہیے گویا مسلمانوں کے نام یہ پیغام ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے ساتھ ہمدردی کا معاملہ کرتا ہے، لہٰذا تم بھی ہمدردی اور حسن سلوک کا معاملہ کرو۔ احادیث میں بھی اس کی بڑی تاکید آئی ہے بلکہ ایک مسلمان کا دوسرے مسلمان پر یہ حق بتایا گیا ہے کہ جب کوئی شخص بیمار ہو تو اس کی عیادت کرے۔ حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ایک مسلمان کے دوسرے مسلمان پر چھ حق ہیں ۔ عرض کیا گیا کہ یا رسول اللہ! وہ کیا ہیں، تو آپ نے فرمایا (۱) جب تم کسی مسلمان سے ملاقات کرو تو اسے سلام کرو (۲)جب تمہیں کوئی اپنی مدد کے لیے یا ضیافت کی خاطر بلائے تو اسے قبول کرو۔ (۳) جب تم سے کوئی خیرخواہی چاہے تو اس کے حق میں خیر خواہی کرو۔ (۴) جب کوئی چھینکے اور الحمد للّٰہ کہے تو یرحمک اللّٰہ کہہ کر اس کا جواب دو (۵) جب کوئی بیمار ہوتو اس کی عیادت کرو۔ (۶)جب کوئی مر جائے تو نماز جنازہ اور دفن کرنے کے لیے اس کے ساتھ جاؤ (صحیح مسلم) جن چھ حقوق کا یہاں بیان ہے ان میں سے ایک مریض کی عیادت بھی ہے یعنی جب کسی کے بیمار ہونے کی اطلاع ملے تو ضرور اس کی مزاج پرسی کرنی چاہیے خواہ ایک ہی مرتبہ کیوں نہ ہو، اگر موقع ملنے کے باوجود مریض کی عیادت نہ کی جائے تو اس کے لیے یہ قیامت کے دن بڑے افسوس کا باعث ہو گا، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: قیامت کے روز خدا فرمائے گا اے آدم کے بیٹے! میں بیمار پڑا اور تو نے میری عیادت نہیں کی؟ بندہ کہے گا، پروردگار! آپ ساری کائنات کے رب ہیں، بھلا میں آپ کی عیادت کیسے کرتا، خدا کہے گا، میرا فلاں بندہ بیمار پڑا تو تو نے اس کی عیادت نہیں کی اگر تو اس کی عیادت کو جاتا تو مجھے وہاں پاتا یعنی تو میری خوشنودی اور رحمت کا مستحق قرار پاتا۔ (مشکوٰۃ: ۱۳۴) 
حضرت ابو ہریرہؓ کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جب کوئی بندہ اپنے مسلمان بھائی کی عیادت کرتا ہے یا اس سے ملاقات کے لیے جاتا ہے تو ایک پکار نے والا آسمان سے پکارتا ہے تم اچھے رہے، تمہارا چلنا اچھا رہا، تم نے اپنے لیے جنت میں ٹھکانا بنا لیا ایک روایت میں یہ بھی ہے کہ جس نے اپنے مسلمان بھائی کی عیادت کی وہ جنت کے بالاخانے میں ہو گا۔ 
حضرت علیؓ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ فرماتے ہوئے سنا کہ جو مسلمان دوسرے بیمار مسلمان کو دن کے پہلے حصے میں عیادت کرتا ہے تو ستر ہزار فرشتے اس کے لیے شام ہونے تک رحمت و مغفرت کی دعاء کرتے ہیں اور جو مسلمان دن کے اخیر حصے میں عیادت کرتا ہے تو ستر ہزار فرشتے اس کے لیے صبح ہونے تک رحمت و مغفرت کی دعاء کرتے ہیں اور بہشت میں اس کے لیے ایک باغ مقرر کر دیا جاتا ہے (مشکوٰۃ صفحہ: ۱۳۵) حضرت ثوبان رضی اللہ عنہ نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد نقل کیا ہے کہ بندہ مومن جب اپنے صاحب ایمان بندے کی عیادت کرتا ہے تو واپس آنے تک وہ گویا جنت کے باغ میں ہوتا ہے۔ (صحیح مسلم)
 اللہ اور اس کے رسول پر ایمان رکھنے والوں کے لیے عیادت مریض کا یہ اجر و ثواب بلا شبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے یہ مسرت کی بات ہے کہ عیادت اور مزاج پرسی کرنے سے آپسی تعلقات میں اضافہ ہوتا ہے ایک دوسرے کے تئیں ہمدردی اور غمخواری کے جذبات پیدا ہوتے ہیں نہ صرف مریض بلکہ اس کے تمام اہل خانہ اور رشتہ داروں کے دل میں عیادت کرنے والے کی محبت پیدا ہوتی ہے اور اتحاد و یگانگت کی ایک اچھی فضا قائم ہوتی ہے اسی کے ساتھ اللہ کی طرف سے غیر معمولی اجر و ثواب کا بھی مستحق قرار دیا گیا ہے۔ گویا سماجی اور دینی دونوں ضرورتیں اس سے پوری ہوتی ہیں، اگر علم کے باوجود کسی مریض کی عیادت نہ کی جائے اور اس کی طرف بالکل کوئی توجہ نہ دی جائے تو اس سے آپس میں عداوت اور کم از کم بد ظنی تو پیدا ہو گی ہی، اللہ کے نزدیک بھی وہ برا سمجھا جائے گا۔ اس لیے کہ خدا سے تعلق رکھنے والا خدا کے بندوں سے بے تعلق نہیں ہوسکتا۔ مریض کی غم خواری درد مندی اور تعاون سے غفلت برتنا دراصل خدا سے غفلت ہے۔ اس لیے عیادت اور مصیبت زدہ لوگوں کی غم خواری و مزاج پرسی میں کوتا ہی اور غفلت سے کام نہیں لینا چاہیے۔ پیسے کے ذریعہ تعاون نہ سہی کم از کم مریض کے سرہانے بیٹھ کر محبت کے دو بول بھی بول لیے جائیں، یہ بھی اللہ کے نزدیک بڑی قدر و قیمت کے حامل ہیں ۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جہاں عیادت کی تعلیم دی ہے وہیں اس کے آداب بھی سکھائے ہیں جن کی رعایت سے عیادت کے بہتر نتائج پیدا ہوتے ہیں ۔ کتب ِ احادیث میں آپؐ کا انداز ِ عیادت، طریقۂ  مزاج پرسی اور بعض دعائیں منقول ہیں، عیادت کرتے ہوئے ضرور اس کا خیال رکھنا چاہیے کہ اس میں اتباعِ سنت ہے اور دینی و دنیوی ہزار فائدے بھی۔  عیادت کے چند آداب جو حضرات فقہاء و اہل علم نے اسوۂ  رسول کی روشنی میں بیان کیے ہیں اختصار کے ساتھ درج ذیل ہیں ۔ 
(۱) مریض سے تسلی و ہمدردی کے کلمات کہنا۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا دستور اور معمول یہ تھا کہ جب آپ کسی مریض کی عیادت کے لیے تشریف لے جاتے، ان سے ایسی باتیں کرتے جن سے ان کو تسلی ہوتی اور ان کا غم ہلکا ہوتا، عام طور پر کسی بھی مریض کے پاس جانے کے بعد آپؐ ان سے طبیعت کے بارے میں دریافت کرتے پھر فرماتے   لَابَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَاءَ اللّٰہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے، خدا نے چاہا تو یہ مرض جاتا رہے گا اور یہ مرض گناہوں سے پاک ہونے کا ذریعہ ثابت ہو گا۔ حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم کسی مریض کے پاس جاؤ تو اس کی عمر کے بارے میں اس کے دل کو خوش کرو یعنی اس کی عمر اور زندگی کے بارے میں خوش کن اور اطمینان بخش باتیں کرو مثلاً یہ کہ تمہاری حالت بہتر ہے۔ انشاء اللہ جلد ہی تم تندرست ہو جاؤ گے، اس طرح کی باتیں کسی ہونے والی چیز کو روک تو نہ سکیں گی جو ہونے والا ہے وہی ہو گا لیکن اس سے اس کا دل خوش ہو گا اور یہی عیادت کا مقصد ہے۔ (ترمذی)
(۲) مریض کے سریا بدن پر ہاتھ پھیرنا۔ عیادت کرنے والوں کے لیے سنت یہ ہے کہ محبت اور ہمدردی کے جذبے سے مریض کے سریا بدن پر ہاتھ پھیر ے، اس سے مریض کا دل بھر جائے گا اور اسے احساس ہو گا کہ میرے دکھ درد میں دوسرے لوگ بھی شریک ہیں ۔ حضرت عائشہ ؓ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول بیان کرتے ہوئے فرماتی ہیں کہ جب ہم میں سے کوئی آدمی بیمار ہوتا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنا داہنا ہاتھ اس کے جسم پر پھیر تے اور یہ دعاء پڑھتے اَذْھَبِ الْبَاْسَ رَبَّ النَّاسِ وَ اشْفِ اَنْتَ الشَّافِیْ لَاشِفَائَ اِلَّا شِفَائُکَ شِفَاءً لَایُغَادِرُ سقْماً ’’ اے سب آدمیوں کے پروردگار!اس بندے کی تکلیف دور فرما دے اور شفاء عطا فرما دے تو ہی شفاء دینے والا ہے بس تیری ہی شفا شفا ہے ایسی کامل شفا عطا فرما جو بیماری بالکل نہ چھوڑے۔‘‘ (مشکوٰۃ صفحہ ۱۳۴) 
حضرت سعد رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ ایک مرتبہ میں بیمار ہوا تو آپؐ میرے پاس تشریف لائے اور اپنا دست مبارک میری پیشانی پر رکھا اور میرے منہ اور پیٹ پر پھیرا، پھر دعا کی: اے خدا سعد کو شفا عطا فرما اور اس کی ہو جرت کو مکمل فرمادے۔ اس کے بعد سے آج تک جب کبھی خیال آتا ہے تو نبی صلی اللہ علیہ سلم کے دست مبارک کی ٹھنڈک اپنے جگر پر محسوس کرتا ہوں ۔ (الادب المفرد)
(۳)بیمار کی صحت یابی کے لیے دعا کرنا۔ عیادت کرتے وقت مریض کی صحت یابی کے لیے دل سے دعاء کرنی چاہیے اس میں ہمدردی اور خلوص و محبت کا اظہار ہے اور دعا قبول ہو گئی تو مریض کو صحت بھی حاصل ہو گی جو کسی بھی عیادت کرنے والے کی عظیم تمنا ہوتی ہے دعا کے لیے کوئی الفاظ متعین نہیں جس طرح بھی چاہے اور جس زبان میں بھی ہوسکے مریض کے لیے دعا کی جا سکتی ہے البتہ جو دعائیں آپؐ سے منقول ہیں ان کا کہنا یقیناً زیادہ فضیلت اور موجب ِ برکت ہو گا، ایک دعا ترجمہ کے ساتھ اوپر گزر چکی ہے اس کے علاوہ بھی مختلف دعائیں منقول ہیں جیسے حضرت عبداللہ بن عباس ؓ کا بیان ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کسی مریض کی عیادت کو جاتے تو اس کے سرہانے بیٹھتے تھے۔ اس کے بعد سات بار یہ دعا فرماتے: اَسْاَلُ اللّٰہَ الْعَظِیْمَ، رَبّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ اَنْ یَّشْفِیَکَ ’’ میں عظیم خدا سے جو عرش عظیم کا رب ہے سوال کرتا ہوں کہ وہ تجھے شفا بخشے‘‘ اور آپؐ نے یہ بھی ارشاد فرمایا کہ یہ دعا سات بار پڑھنے سے مریض ضرور شفایاب ہو گا اِلا یہ کہ اس کی موت کا وقت آ گیا ہو (یا اس کا مرض لاعلاج ہو چکا ہو) (ترمذی) حضرت عثمان ابن ابی العاص نے ایک مرتبہ حضور سے بدن کے کسی حصے میں درد کی شکایت کی تو آپؐ نے فرمایا کہ تمہارے بدن کے جس حصے میں درد ہے وہاں اپنا ہاتھ رکھ کر پہلے تین مرتبہ بِسْمِ اللّٰہ پڑھو اور پھر سات مرتبہ یہ کہو اَعُوْذُ بِاللّٰہِ بِعِزَّۃِ اللّٰہِ وَ قُدْرَتِہٖ مِنْ شَرِّ مَا اَجِدُ وَ اُحَاذِرُ ’’ میں اللہ سے اس کی عزت اور اس کی قدرت کے ذریعے اس برائی یعنی درد سے پناہ مانگتا ہوں جسے میں اس وقت محسوس کر رہا ہوں اور آئندہ اس کی زیادتی سے ڈرتا ہوں ‘‘ حضرت عثمانؓ فرماتے ہیں کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد کے مطابق میں نے ایسا ہی کیا، چنانچہ اللہ تعالیٰ نے میری تکلیف دور فرمادی۔ (صحیح مسلم)
صحیح مسلم کی ایک دوسری روایت میں حضرت عائشہ ؓ سے منقول ہے کہ جب گھر والوں میں سے کوئی بیمار ہوتا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم معوذات پڑھ کر اس پر دم فرمایا کرتے تھے۔ معوذات سے مراد قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَق اور قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاس ہے، بعض کے نزدیک قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَد اور بعض چاروں ’’ قل‘‘ کو معوذات میں داخل مانتے ہیں، بلاشبہ یہ تمام قرآنی سورتیں ہیں جن کے نفع بخش ہونے کا کسی کو انکار نہیں ۔ 
(۴) مریض کے پاس زیادہ دیر تک نہ بیٹھنا۔عیادت کے آداب میں سے ایک ادب یہ بھی ہے کہ مریض کے پاس زیادہ دیر تک نہ بیٹھے، اس سے مریض کو خواہ مخواہ تکلف ہوتا ہے، ہوسکتا ہے کہ مریض کو بیٹھے رہنے میں تکلیف ہو اب آپ کے احترام میں وہ بیٹھے گا تو اسے تکلیف ہو گی اور جتنی دیر آپ بیٹھیں گے اتنا ہی اسے تکلف سے کام لیتے ہوئے بیٹھنا ہو گا جس سے اسے کافی تکلیف ہو گی۔ اسی طرح بسا اوقات بعض مریض کو آدمی کی کثرت سے الجھن محسوس ہوتی ہے یا بولنے اور بات کرنے کے لیے دل آمادہ نہیں ہوتا، ان اوقات میں وقت کی نزاکت کا خیال کرتے ہوئے عیادت کرنے والوں کو بیدار مغزی سے کام لینا چاہیے اور مزاج پرسی کے فوراً بعد واپس آ جانا چاہیے، حضرت سعید بن المسیّبؒ سے مرسلا ً یہ روایت منقول ہے: اَفْضَلُ الْعِیَادَۃِ سُرْعَۃُ الْقِیَام  ’’ بہترین عیادت وہی ہے جس میں عیادت کرنے والا جلد اٹھ کھڑا ہو‘‘(بیہقی) یہ پہلو بھی واضح رہے کہ اگر مریض آپ کا کوئی بے تکلف دوست یا عزیز ہو اور وہ خود آپ کو دیر تک بٹھائے رکھنے کا خواہشمند ہو تو آپ ضرور اس کے جذبات کا احترام کیجیے۔ 
(۵)مریض کے پاس شورنہ کرنا۔ عیادت کرنے والے کو چاہیے کہ مریض کے پاس شور و غل نہ کرے، حضرت عبداللہ بن عباس فرماتے ہیں کہ عیادت کے وقت مریض کے پاس کم بیٹھنا اور شور و غوغا نہ کرنا سنت ہے نیز فرماتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب مرضِ وفات میں مبتلا ہوئے اور وصال کا وقت قریب آیا تو اس موقع پر بہت سے صحابہ جمع تھے اور کسی بات کو لے کر آپس میں اختلاف ہو گیا آپؐ نے اس موقع پر فرمایا: قُوْمُوْا عَنِّیْ ’’ میرے پاس سے تم لوگ چلے جاؤ‘‘ (مشکوٰۃ) ظاہر ہے کہ مریض کو سکون اور خاموشی کا ماحول اچھا لگتا ہے، اس کے نزدیک شور و غل سے مریض کو تکلیف ہو گی اور الجھن محسوس ہو گی، اس لیے اس کے پاس جب عیادت کے لیے جائے تو اتنی ہی بات کرے جس کی ضرورت ہو عیادت کرنے والوں اور تیمار داروں کو غیر ضروری بات کرنے سے احتراز کرنا چاہیے۔ 
(۶) مریض کے متعلقین سے حال پوچھنا۔ چوں کہ مریض کے تیمار دار اور رشتہ دار مریض کی نگہداشت میں پریشان رہتے ہیں اس لیے ان سے بھی حوصلہ افزا کلمات کے ذریعہ ہمدردی کا اظہار کرنا چاہیے۔ ان سے مریض کا حال دریافت کرے اور تشفی بخش کلمات کہے۔ 
(۷) مریض کے گھر جب عیادت کے لیے جائیں تو اِدھر اُدھر تاکنے سے پرہیز کرنا چاہیے، ساتھ ہی اس احتیاط سے گھر میں داخل ہو اور اس طرح بیٹھے کہ گھر کی خواتین پر نگاہ نہ پڑے۔ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ ایک بار کسی مریض کی عیادت کے لیے گئے، ان کے ہمراہ کچھ اور بھی لوگ تھے گھر میں ایک خاتون بھی موجود تھیں ۔ حضرت کے ساتھیوں میں سے ایک صاحب اس خاتون کو گھور نے لگے، حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ کو جب محسوس ہوا تو فرمایا کہ اگر تم اپنی آنکھیں پھوڑ لیتے تو تمہارے حق میں بہتر ہوتا۔ ( آدابِ زندگی صفحہ: ۲۲۹)
(۸) حضرت عمر فاروقؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا جب تم بیمار کے پاس جاؤ تو اس سے کہو کہ وہ تمہارے لیے دعا کرے کیوں کہ اس کی دعا فرشتوں کی دعا کی طرح ہے (ابن ماجہ) جو شخص اپنی بیماری اور مصیبت پر صبر کرتا ہے اس کے گناہ بیماری کے سبب دور ہو جاتے ہیں اور یہ اس کی معنوی طہارت کا ذریعہ ہوتا ہے، اسی طرح بیمار عام طور پر ہمیشہ اللہ کی یاد میں مصروف رہتا ہے اور اللہ سے التجا کرتا ہے ان دونوں وجوہ سے اس کی دعائیں قبول ہوتی ہیں ۔ جس طرح فرشتوں کی دعاء گناہوں سے پاک ہونے کی وجہ سے کبھی رد نہیں کی جاتی، اس لیے عیادت کرنے والوں کو چاہیے کہ اپنے حق میں ان سے دعا کی درخواست کریں ۔ 
بہرحال عیادت ایک بہت اونچا عمل ہے۔ مریض دوست ہو یا دشمن امیر ہو یا غریب عیادت اور سنت سمجھ کر مزاج پرسی ضرور کرنی چاہیے ہمارے معاشرہ میں عیادت ایک رسم بن گئی ہے لوگ اس خوف سے عیادت کرتے ہیں کہ میں نے اگر کچھ نہیں پوچھا تو وہ یا اس کے گھر والے کیا سمجھیں گے، اس سے ثواب جاتا رہتا ہے اور عمل کے باوجود اتباعِ سنت کا اجر حاصل نہیں ہوتا، کوئی بھی کام صرف اللہ کی رضا کے لیے کرنا چاہیے لوگ دوست ہوں یا دشمن ایک خدا اگر راضی ہو گیا تو کائنات کی ناراضگی کا کوئی خوف نہیں اسی طرح آج عیادت کا دائرہ سمٹ گیا ہے کوئی مالدار یا عہدہ دار یا خاص رشتہ دار ہو تو اس کی عیادت کی جاتی ہے اگر کوئی غریب ہے تو پڑوس میں ہونے کے باوجود ایک مرتبہ بھی مزاج پرسی اور اظہارِ ہمدردی کا موقع نہیں ملتا، چوں کہ اس سے ہمارا کوئی دنیوی مفاد وابستہ نہیں اور نہ آئندہ کوئی توقع ہے یہ رجحان دینی اعتبار سے انتہائی خطرناک ہے عیادت کے لیے رشتہ داری اور مالداری کو توسط نہیں بنانا چاہیے کوئی بھی مریض ہو خواہ وہ رشتہ داروں میں سے نہ ہو، محض عبادت اور سنت سمجھ کر اس کی عیادت کرنی چاہیے، شریعت نے غیرمسلم کی بھی عیادت کا حکم دیا ہے اس لیے کہ انسانیت کی بنیاد پر وہ بھی ہماری ہمدردی کا مستحق ہے ممکن ہے کہ ہمارے اس عمل سے متاثر ہو کر ہدایت قبول کر لے روایت سے ثابت ہے کہ ایک یہودی لڑکے کی آپؐ نے عیادت کی اور اسے اسلام کی دعوت دی تو وہ مسلمان ہو گیا۔ 
ایک رواج ہمارے یہاں یہ بھی ہے کہ کسی مریض کی عیادت کے لیے جاتے ہوئے پھل فروٹ مٹھائی یا اور کوئی چیز لے جانا ضروری سمجھتے ہیں بلا شبہ اس میں محبت کا اظہار ہے مگر اسے لازمی عنصر سمجھ لینے سے بسا اوقات عیادت جیسی عظیم عبادت سے محروم ہو جانا پڑتا ہے۔ کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ ہاتھ میں پیسہ نہیں، اب عیادت کی طرف دل کے میلان کے باوجود مزاج پرسی نہیں کرسکتے کہ خالی ہاتھ جانا معاشرہ میں برا سمجھا جاتا ہے۔ اس لیے اس میں شدت اختیار نہیں کرنی چاہے بلاشبہ شریعت کے بتائے ہوئے آداب ہی مفید اور نافع ہیں ایک مسلمان کو چاہیے کہ ان ہی اصول و آداب کی پیروی کرے جو اسلام نے بتائے ہیں کہ اس میں دینی و دنیوی کامیابی ہے۔
٭٭٭




اسلام میں مشورہ کی اہمیت

انسان کو زندگی میں بیشتر ایسے امور پیش  آتے ہیں جن میں وہ تذبذب کا شکار ہو جاتا ہے کرنے اور نہ کرنے دونوں پہلوؤں پر اس کی نظر ہوتی ہے، وہ سر دست یہ فیصلہ نہیں کرسکتا کہ موجودہ حالات میں اسے کیا کرنا چاہیے کام کے کس رخ کو اختیار کرنے میں اس کے لیے بھلائی اور ہدایت ہے کشمکش کی اس صورت حال میں شریعت نے ہدایت دی ہے کہ ایسے تمام مواقع پر از خود فیصلہ کرنے اور اپنی عقل و دانش پر اعتماد کرنے کے بجائے متعلقہ کام کے ماہرین فن، ارباب نظر اور ہمدرد و بہی خواہ افراد سے رائے معلوم کر لی جائے، پھر باہمی غور و فکر کے بعد جس جانب دل مائل ہو، ا للہ پر اعتماد کرتے ہوئے اسے اختیار کر لے، اس کو مشورہ یا مشاورت سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ 
صالح، کامیاب اورپرامن زندگی گزارنے کے لیے مشاورتی نظام اپنانا از حد ضروری ہے، بلاشبہ مشورہ خیر و برکت، عروج و ترقی اور نزول رحمت کا ذریعہ ہے اس میں خسران و نقصان اور ندامت و شرمندگی کا کوئی پہلو نہیں ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ماشقی عبد بمشورۃ و ما سعد باستغناء رای یعنی کوئی انسان مشورہ سے کبھی نا کام اور نامراد نہیں ہوتا اور نہ ہی مشورہ ترک کر کے کبھی کوئی بھلائی حاصل کرسکتا ہے۔ (قرطبی۴/۱۶۱)
ایک موقع پر آپؐ نے یہ بھی ارشاد فرمایا: ماخاب من استخار ولا ندم من استشار ’’ جس نے استخارہ کیا وہ نا کام نہیں ہوا اور جس نے مشورہ کیا وہ شرمندہ ہوا۔‘‘ (المعجم الاوسط للطبرانی: ۶۸۱۶)
اسی طرح آپؐ کا یہ بھی ارشاد ہے:  المشورۃ حصن من الندامۃ و امن من الملامۃ‘‘ مشورہ شرمندگی سے بچاؤ کا قلعہ ہے اور ملامت سے مامون رہنے کا ذریعہ ہے۔‘‘(ادب الدنیا والدین ۱/۲۷۷)
 اس میں حکمت یہ ہے کہ ایک انسان جب اپنی رائے پر عمل کرتے ہوئے کوئی کام کرتا ہے اگر اس میں نا کامی ہو جائے تو بہت سی زبانیں لعن طعن کرنے لگتی ہیں ملامت کا ایک سلسلہ چل پڑتا ہے اور پھر بڑی ذلت محسوس ہوتی ہے لیکن اگر مشورہ کے بعد کوئی کام کیا جائے تو عام طور پر اس میں نا کامی نہیں ملتی، اللہ تعالیٰ مشورہ کی برکت سے خیر کی راہیں کھول دیتا ہے اور اگر فیصلہ تقدیر کے سبب مشورہ کے تحت کیا ہوا کام بار آور اور نتیجہ خیز نہیں ہوسکا تو بھی اس میں لوگوں کے سامنے شرمندگی نہیں اٹھانی پڑتی اس لیے کہ اس میں صرف اسی کی عقل و فکر شامل نہیں ہے بلکہ مختلف ارباب نظر اور ماہرین فن کی رائیں اور عقلیں شامل ہیں ملامت کس کس کو کی جائے اور ملامت کرنے والا بھی اپنی اصابت رائے کی ضمانت نہیں دے سکتا اس لیے مشورہ میں دیگر اہم فائدوں کے ساتھ ا یک بڑا فائدہ ملامت اور طعن و تشنیع سے نجات بھی بتایا گیا ہے، ایک شاعر مشورہ کی اسی افادیت کے پیش نظر کہتا ہے۔ 
الرای کا للیل مسود جوانبہ واللیل لاینجلی الا بالاصباح فاضمم مصابیح آراء الرجال الٰی مصباح رایک تزدد وضوء مصباح 
’’ رائے مثل شب دیجور کے ہے کہ اس کے اطراف سیاہ ہیں اور رات کا اندھیرا بغیر صبح کے زائل نہیں ہوتا، لوگوں کی رائے کی مشعل کو اپنے چراغ کے ساتھ ملا لینے سے تیرے چراغ کی روشنی زیادہ ہو جائے گی ‘‘ یعنی آدمی اپنی رائے سے ایک پہلو کو سمجھتا ہے مگر جیسا کہ رات میں اگرچہ قریب کی چیز کا احساس و ادراک ہو جاتا ہے مگر ذرا فاصلہ کی چیز نظر نہیں آتی، اسی طرح تنہا اپنی رائے سے تمام پہلو روشن نہیں ہوتے، وہ برابر معرضِ خفاء میں رہتے ہیں لیکن جب صبح ہو کر شب کی تاریکی زائل ہو جاتی ہے تو مشرق و مغرب، جنوب و شمال کی تمام چیزیں روشن ہو جاتی ہیں اسی طرح جب اپنی رائے کے ساتھ دوسروں کی رائے کو ملا لیا گیا تو گویا ایک چراغ کے ساتھ جس کی روشنی تھوڑی دور تک پھیلی ہوئی تھی ہزاروں شمعوں کو روشن کر دیا اور عالم کے نورانی ہو جانے سے خود اس کے چراغ کی روشنی بھی بڑھ گئی اور اطراف و جوانب کی سب چھوٹی بڑی چیزیں ظاہر و نمودار ہو گئیں ۔ 
بعض بلغاء کا قول ہے: 
من حق العاقل ان یضیف إلٰی رایہ آراء العقلاء یجمع إلٰی عقلہ عقول  الحکماء فان الرای الفذ بما ذل و العقل ا لفرد ربماضل ’’ عاقل کا فرض یہ ہے کہ اپنی رائے کے ساتھ عقلاء کی رائے کا اضافہ کرے اور اپنی عقل کے ساتھ حکماء کی عقل کو جمع کرے کیوں کہ اکیلی رائے بسا اوقات ذلیل ہوتی ہے اور پھسل  جاتی ہے اور تنہا عقل بسا اوقات گمراہ‘‘۔  ظاہر ہے کہ اپنی عقل کے ساتھ جب دیگر عقلوں اور اپنے تجربہ کے ساتھ دیگر تجربات کو ملا لیا جائے تو اس میں استحکام پیدا ہو گا اور غلطی کا امکان کم ہو جائے گا، خواہ وہ عقلیں اپنے تئیں ناقص ہی کیوں نہ ہوں، چوں کہ مشورہ میں شریک افراد بڑی مشقتوں سے حاصل کیے ہوئے تجربات کی روشنی میں رائے دیتے ہیں اس لیے مشورہ کرنے والے کو اہم اور قیمتی باتیں مفت مل جاتی ہیں جن کو اگر وہ خود حاصل کرنا چاہے تو زندگی ختم کر کے بھی حاصل ہونا یقینی نہیں ہے اسی لیے حکیم لقمان نے اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے کہا تھا: تجربہ کار تجھ کو وہ رائے دیتا ہے جو اس کو نہایت گراں قیمت پر ملی ہے یعنی نہایت مشقت و تحمل مصائب کے بعد حاصل ہوئی ہے اور تو اس کو مفت بلا تعب اڑا تا ہے۔ (اسلام میں مشورہ کی اہمیت از مفتی محمد شفیعؒ ۶۱ تا۶۳)
 حضرت علیؓ کا یہ قول بھی کتنا جامع ہے: الإستشارۃ عین الہدایۃ و قد خاطر من استغنٰی برایہ۔ (المدخل: ۴/۲۸) مشورہ عین ہدایت ہے اور جو شخص اپنی رائے سے ہی خوش ہو گیا وہ خطرات سے دوچار ہوا۔ خلاصہ یہ کہ مشورہ ایک مہتم بالشان امر ہے رشد و ہدایت اور خیر و صلاح اس سے وابستہ ہے جب تک مشورہ کا نظام باقی رہے گا فساد اور ضلالت و گمراہی راہ نہیں پا سکے گی امن اور سکون کا ماحول رہے گا یہی وجہ ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جب تمہارے حکام تم میں سے بہترین آدمی ہوں اور تمہارے مالدار سخی ہوں اور تمہارے معاملات آپس میں مشورہ سے طے ہوا کریں تو زمین کے اوپر رہنا تمہارے لیے بہتر ہے اور جب تمہارے حکام بدترین افراد ہوں اور تمہارے مالدار بخیل ہوں اور تمہارے معاملات عورتوں کے سپرد ہوں تو زمین کے اندر دفن ہو جانا تمہارے زندہ رہنے سے بہتر ہو گا۔‘‘ (روح المعانی: ۷/۵۳۱)
 دنیا کے حالات اور تاریخ پر جن کی نظر ہے وہ اچھی طرح جانتے ہوں گے کہ دنیا میں جتنے بھی دینی و ملی ادارے چل رہے ہیں ان میں جن کا نظام مشورہ سے مربوط ہے ان کے تمام امور مستحکم اور پائیدار ہیں اور وہ تمام داخلی و خارجی فتنے و فساد سے پاک ہیں لیکن جب کسی ادارے یا حکومت کو خاندانی یا وراثتی نظام پر چلایا جاتا ہے کہ پہلے باپ حکمراں تھا تو محض اس بنیاد پر بیٹا اس کا اہل قرار پائے ا ور یہی سلسلہ چلتا رہے تو پھر یاد رکھنی چاہیے کہ یہ حکومت دیر پا نہیں ہوتی ہزار طرح کے مسائل وہاں جنم لیتے ہیں اور ایک دن پورا شہر فتنہ وفساد کے لپیٹ میں آ جاتا ہے جیسا کہ زمانہ جاہلیت میں حکمرانی کا یہی طریقہ رائج تھا، اسی وجہ سے وہاں ہر گھر ہر خاندان ہر قبیلہ الگ الگ خانوں میں منقسم ہو گیا تھا فتنہ و فساد کا ایک سیلاب تھا جس پر کوئی بندش نہیں تھی، لوگوں کو کسی گرفت کا احساس نہیں تھا، اس لیے جو شخص جو چاہتا کرتا تھا اور پھر یہیں سے زنا کاری، شراب نوشی، ڈاکہ زنی، لوٹ کھسوٹ، قتل و غارت گری جیسے ہزاروں جرائم وجود میں آئے اسلام نے اس طریقہ کو مٹا کر مشاورتی نظام قائم کیا مختلف نوعیتوں سے مشورہ کی اہمیت بیان کی گئی بلکہ اس کو مسلمانوں کا وصف خاص قرار دیا گیا۔ ارشاد باری ہے : وَ الَّذِیْنَ اسْتَجَابُوْا لِرَبِّہِمْ وَ اَقَامُوْا الصَّلٰوۃَ وَ اَمْرُہُمْ شُوْریٰ بَیْنَہُمْ وَ مِمَّا رَزَقْنٰہُمْ یُنْفِقُوْنَ۔ (شوریٰ:۳۸) ’’ایمان والے وہ ہیں جنہوں نے اپنے رب کے حکم کو مانا نماز کو قائم کیا اور ان کے کام باہم مشورہ سے ہوتے ہیں اور جو ہم نے دیا ہے اس سے خرچ کرتے ہیں ۔‘‘ اس آیت میں مسلمانوں کے جو اوصاف بیان کیے گئے ہیں  ان میں ایک وصف باہمی مشورہ بھی ہے یعنی کسی  اہم معاملہ کو آپسی رایوں کے ذریعہ حل کیا جانا کامل اور پختہ ایمان مسلمانوں کی صفت ہے، اطاعت ِ خداوندی اور اقامت ِ صلوٰۃ کے بعد فوری طور پر مشورہ کے معاملہ کو بیان کرنے سے اس کی غیر معمولی اہمیت کا پتہ چلتا ہے شاید یہی وجہ ہے کہ صحابۂ  کرام اور بالخصوص خلفائے راشدینؓ نے مشورہ کو اپنا معمول بنایا تھا۔ 
اللہ تعالیٰ نے نبی ٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی مشورہ کا حکم دیا تھا ارشاد ہے: ’’وَشَاوِرْہُمْ فِیْ الْاَمْرِ۔‘‘‘ (اٰل عمران: ۱۰۹) اے  نبی آپ معاملات اور متفرق امور میں صحابۂ  کرام سے مشورہ کیا کیجئے۔‘‘ بظاہر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو مشورہ کی حاجت نہیں تھی کیوں کہ آپؐ کے لیے وحی کا دروازہ کھلا ہوا تھا، آپ چاہتے تو وحی کے ذریعہ معلوم ہوسکتا تھا کہ کیا اور کس طرح کرنا چاہیے، اسی لیے مفسرین کرام نے یہاں بحث کی ہے کہ حکم مشورہ سے کیا مراد ہے۔ حضرت قتادہ، ربیع اوردوسرے بعض مفسرین کا خیال ہے کہ صحابۂ  کرامؓ کے اطمینان قلب اور ان کو وقار بخشنے کے لیے یہ حکم دیا گیا تھا اس لیے کہ عرب میں مشورہ اور رائے طلبی باعث عزت و افتخار تھا۔ علامہ قرطبی لکھتے ہیں : فقالت طائفۃ ذلک فی مکائد الحروب و عند لقاء العدو و تطیباً لنفو سھم ورفعاً لاقدارھم و تالفا علی دینھم (قرطی۴؍۱۶۱)
حقیقت یہ ہے کہ وحی کے ذریعہ اگرچہ بہت سے امور میں آپ کی رہنمائی کر دی جاتی تھی مگر بعض حکمت ا ور مصالح کے پیش نظر چند امور کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی رائے اور صوابدید پر چھوڑ دیا جاتا، ان ہی مواقع میں آپ کو صحابۂ  کرامؓ سے مشورہ کا حکم دیا گیا تا کہ امت میں مشورہ کی سنت جاری ہوسکے اور لوگ یہ سمجھیں کہ جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو مکمل فہم و بصیرت ہونے کے باوجود مشورہ کا حکم دیا گیا تو پھر ہم اس کے زیادہ محتاج ا ور ضرورت مند ہیں چنانچہ آپؐ نے ارشاد فرمایا: 
اما ان اللّٰہ و رسولہ لغنیاعنھا ولکن جعلھا اللّٰہ تعالٰی رحمۃ لامتی (الدرالمنثور: ۴/۳۵۹) یعنی یاد رکھو! کہ اللہ اور اس کے رسول مشورہ سے بالکل مستغنی ہیں لیکن خدا تعالیٰ  نے اس کو امت کے لیے رحمت کا سبب بنایا ہے۔ و انما اراد ان یعلمھم مافی المشاورۃ من الفضل و لتقتدی بہ امۃ من بعدہ ’’اللہ تعالیٰ نے اس حکم کے ذریعہ مسلمانوں کو مشورہ کی فضیلت کا سبق سکھانے کا ارادہ کیا ہے تا کہ آپؐ کے بعد آپ کی امت اس کی پیروی کریں ‘‘ (قرطبی:۲/۱۶۱)
 حضرت ابوہریرہؓ کا بیان ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ مشورہ کرنے والا کسی کو نہیں پایا یعنی آپؐ ہر قابل غور معاملہ میں اپنے اصحاب سے مشورہ کر کے ہی کوئی فیصلہ فرماتے مثلاً بدر کی لڑائی سے فراغت ہو چکی تو آپؐ نے اسیرانِ جنگ ِ بدر کے بارے میں صحابہ سے مشورہ فرمایا کہ ان کو معاوضہ لے کر رہا کر دیا جائے یا قتل کر دیا جائے یا مثلاً غزوۂ  اُحد کے بارے میں مشورہ کیا کہ کیا مدینہ شہر کے اندر رہ کر مدافعت کی جائے یا شہر سے باہر نکل کر۔ عام طور سے صحابہ کرامؓ کی رائے باہر نکلنے کی ہوئی تو آپؐ نے اس کو قبو ل فرمایا۔ غزوۂ  خندق میں ایک خاص معاہدہ پر صلح کرنے کا معاملہ درپیش آیا تو سعد بن معاذ رضی اللہ عنہ اور سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ نے اس معاملہ کو مناسب نہیں سمجھا، اس لیے ان دونوں نے اختلاف کیا آپؐ نے ان دونوں کی رائے قبول کر لی، حدیبیہ کے ایک معاملہ میں مشورہ لیا تو حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی رائے پر فیصلہ فرما دیا، قصۂ  اِفک میں صحابۂ  کرامؓ سے مشورہ لیا اسی طرح اذان کی بابت میں بھی اپنے اصحاب سے مشورہ کیا کہ نماز کی اطلاع دینے کے لیے کیا طریقہ اختیار کرنا چاہیے۔ اس طرح کی بے شمار مثالیں ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ جن امور میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے کسی حکمت کی بناء پر کوئی خاص جانب رہنمائی نہ کی جاتی ان میں صحابۂ  کرامؓ سے آپؐ مشورہ فرماتے، اس میں بڑا سبق ہے ان لوگوں کے لیے جو مشورہ کو کھیل اور لغو کام سمجھتے ہیں یا جن کو مشورہ لینے میں عار اور خفت محسوس ہوتی ہے حالانکہ مشورہ طلب کرنے میں ہی عزت اور مقام ہے مشورہ کرنے والا کبھی محروم نہیں ہوتا، اگر کامیاب ہو جائے تو اس کی مدح کی جاتی ہے اور اگر مشورہ کے بعد بھی کامیابی نہ ملی تو اسے معذور سمجھا جاتا ہے لیکن اگر مشورہ کیے بغیر کوئی کام کیا گیا اور کام نہیں بن سکا تو پھر اس کی ذلت ہی ذلت ہے ہزار لوگ اس کی طعن و تشنیع کریں گے اور مختلف باتیں اس کو سننے کے لیے اس کو تیار رہنا ہو گا۔ 
تخلیق آدم علیہ السلام کے موقع پر اللہ تعالیٰ نے فرشتوں سے اس کا تذکرہ کیا تھا اور ان کی رائے معلوم کی تھی جس کی تفصیل (سورہ بقرہ آیت ۳۰) کے ذیل میں دیکھی جا سکتی ہے اس سے در حقیقت فرشتوں سے مشورہ طلب کرنا مقصد نہیں تھا بلکہ انسانوں کے دل و دماغ میں مشورہ کی اہمیت پیدا کرنا مقصد تھا کہ خالق کائنات کے اس عمل کو پوری کائنات میں طریقہ بنایا جائے مگر افسوس ! کہ آج دیگر اعمال خیر کی طرح مشورہ کی سنت بھی ہماری زندگی اور معاشرہ سے رخصت ہو گئی جس کے بھیانک نتائج ہمارے سامنے ہیں ساری محنتوں مشقتوں اور کوششوں کے باوجود نا کامی ہمارے حصہ میں ہے ہر طرف انفرادی اور اجتماعی جگہوں میں خلفشار اور انتشار پایا جاتا ہے بسا اوقات نا کامی اور نقصان کے بعد مشورہ نہ کرنے پر افسوس بھی ہوتا ہے مگر اب کیا حاصل؟۔ ضرورت ہے کہ اہم اور قابل غور مسائل میں کام کے آغاز سے پہلے ہی مشورہ کو اپنا معمول بنایا جائے تا کہ محنتیں بار آور اور نتیجہ خیز ثابت ہوں یقیناً مشورہ میں اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت بھی ہے اور ہزار دینی و دنیوی فائدے بھی، کاش!  امت ِ مسلمہ کی زندگی اور معاشرہ میں مشورہ کی سنت جاری ہو جائے۔
٭٭٭



مشورہ  -- آداب و احکام

حضرت سعید بن المسیّب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: لن یہلک امرؤ بعد مشورۃ۔ ’’کوئی انسان مشورہ کے بعد ہلاک نہیں ہوتا۔‘‘ ایک روایت میں یہ بھی ہے کہ جو شخص کسی کام کا ارادہ کرے اور باہم مشورہ کرنے کے بعد اس کے کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرے تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس کو صحیح اور مفید صورت کی طرف ہدایت مل جاتی ہے۔ (بیہقی، شعب الایمان)
ان دونوں روایتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ انسانی زندگی میں مشورہ بہت اہمیت کا حامل ہے، کامیاب اور پرسکون زندگی گزارنے کے لیے ضروری ہے کہ مشورہ کو اپنا معمول بنایا جائے، ایسا کام جو باہمی مشورے اور رایوں کے حصول کے بعد کیا جاتا ہے، اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس میں رحمت اور برکت کا نزول ہوتا ہے اور پیچیدہ سے پیچیدہ راہیں ہموار ہو جاتی ہیں ۔ تجربہ اور مشاہدہ سے ثابت ہے کہ بہت سے نازک اور ناقابل فہم حالات میں جب مشورہ کا سہارا لیا گیا تو معاملہ بالکل سہل ہو گیا اور ایسے بہتر راستے نکل آئے جن کا ذہن میں تصور بھی نہیں تھا، اگر تنہا اپنی عقل سے اس کے حل کرنے کی کوشش کی جاتی تو شاید زمانۂ  دراز تک بھی وہ گرہیں نہ کھلتیں جو راستے میں حائل تھیں اور پھر جن دوست و احباب سے مشورہ کیا جاتا ہے ان کے دل بھی خوش ہوتے ہیں، گویا آپ نے ان کو عزت کی نظر سے دیکھا اور اس قابل سمجھا کہ کسی معاملہ میں ان سے مشورہ کیا جائے، گویا وہ آپ کی نظر میں ذی رائے، صاحب ِ فہم و بصیرت اور صاحب ِ عقل ہیں، یقیناً اس سے ان کے دل میں بھی آپ کے بارے میں اچھا تا ٔ ثر پیدا ہو گا، آپسی خلش دور ہو گی اور محبت و ہمدردی کے جذبات پیدا ہوں گے۔ اگر مشورہ کے بعد وہ کام نتیجہ خیز نہیں بھی ہوا تو ندامت اور شرمندگی لوگوں کے سامنے نہیں ہو گی اور نہ کسی کو لعن طعن کا موقع ہاتھ آئے گا کہ اس میں صرف اسی کی عقل نہیں بلکہ مختلف اربابِ عقل کی عقلیں شامل ہیں، یہی وجہ ہے کہ متعدد نصوصِ شرعیہ میں مسلمانوں کو اپنی عقل و دانش پر اعتماد کرنے کے بجائے مشورہ کی ہدایت دی گئی ہے، صحابۂ  کرامؓ، خلفائے راشدینؓ، تابعین، تبع تابعین اور آج تک ہر زمانے میں مشورہ پر لوگوں کا عمل رہا ہے، وہ لوگ جن کی عقل و فہم پر دنیا کو ناز تھا انہوں نے بھی افادیت اور اہمیت کے پیش نظر مشورہ کو اپنا شعار بنایا ہے، اس لیے کہ مشورہ سے جس نے بھی بے نیازی اختیار کی وہ ہلاکت اور فساد کے راستہ پر چل پڑا، پھر اس کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی مدد ہے اور نہ اسے کامیابی کی ضمانت دی جا سکتی ہے۔
مشورہ کے امور: لیکن اب سوال یہ ہے کہ مشورہ کہاں اور کن کن چیزوں میں کیا جائے، اس سلسلہ میں یاد رکھنا چاہیے کہ جن امور میں شریعت کا فیصلہ متعین ہے کہ یہ چیز فرض ہے یا واجب ہے یا یہ حرام اور یہ مکروہ ہے، ان امور میں مشورہ کی ضرورت نہیں بلکہ جائز بھی نہیں ہے، جیسے کوئی شخص یہ مشورہ کرے کہ نماز پڑھے یا نہیں، زکوٰۃ دے یا نہیں، حج کرے یا نہیں، یہ چیزیں مشورہ کی نہیں ہیں، ان کے لیے تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے حکم متعین ہے کہ ان کا کرنا ہر حال میں ضروری ہے یا اسی طرح جن چیزوں کو شریعت نے منع کیا ہے جیسے زناکاری، شراب نوشی، ڈاکہ زنی وغیرہ ان میں بھی مشورہ کی حاجت نہیں، ان سے تو بہرحال رکنا لازمی ہے، ہاں البتہ طریق کار کے بارے میں مشورہ کیا جا سکتا ہے، جیسے حج میں جانے کے لیے مختلف راستے ہیں، بعض پر ُ امن ہیں اور بعض میں خطرہ ہے، تو اس موقع پر تجربہ کار افراد کی رائے معلوم کی جا سکتی ہے کہ ان مختلف راستوں میں اس کے لیے کون سا راستہ بہتر ہو گا، یا اسی طرح ایک شخص مریض ہے اس کو تردد ہے کہ مجھ کو اس حالت میں تیمم کی اجازت ہے یا نہیں، اس بارے میں اطباء یا تجربہ کاروں سے مشورہ کرسکتا ہے، اسی طرح وہ احکام ومسائل جن کے بارے میں قرآن و حدیث، اقوالِ صحابہؓ یا سلف کی کتابوں میں کوئی صراحت نہیں ہے، جدید اور نئے زمانہ سے ان کا تعلق ہے، ان میں مشورہ کرنا نہ صرف جائز بلکہ اربابِ فقہ اور صاحب ِ نظر علمائے دین سے ان کے بارے میں پوچھنا اور حکم ِ شرعی معلوم کرنا واجب ہے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ میں نے رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ آپ کے بعد اگر ہمیں کوئی ایسا معاملہ پیش آ جائے جس کا حکم صراحتا ً قرآن میں نازل نہیں ہوا اور آپ سے بھی اس کے متعلق کوئی ارشاد ہم نے نہ سنا ہو تو ہم کیا کریں ؟ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ایسے کام کے لیے اپنے لوگوں میں سے عبادت گذار فقہاء کو جمع کرو اور ان کے مشورہ سے اس کا فیصلہ کرو، کسی کی تنہا رائے سے فیصلہ نہ کرو۔ (معارف القرآن: ۲/۲۲۰)
دینی امور کے علاوہ معاشی، معاشرتی، سماجی، انفرادی اور اجتماعی زندگی میں پیش آنے والے معاملات میں بھی مشورہ کو اپنانا چاہیے، جہاں شریعت، عقل و عادت کے اعتبار سے کوئی جانب متعین ہو اور نہ ہی اس کا نافع ہونا یقینی ہو، امورِ طبعیہ جیسے بھوک اور پیاس کے وقت روٹی کھانا یا پانی پینا، اس میں مشورہ کرنے اور کسی سے پوچھنے کی ضرورت نہیں ہے کہ مجھے بھوک لگی ہے کھانا کھانا چاہیے یا نہیں ۔ عام حالات میں یہ سوال حماقت ہے، ہاں بیماری کے وقت یا اس کے ذرائع اور طرق یا مختلف اغذیہ اور اشربہ میں سے کسی ایک کو اختیار کرنے میں اگر کسی کے اندر خطرہ کا احتمال ہو تو مشورہ کرنا مستحسن یا ضروری ہو گا۔ یہاں اس پہلو پر بھی نظر رہے کہ اللہ تعالیٰ نے مشورہ کی ترغیب اور ہدایت تو دی ہے مگر اپنی رحمت ِ عامہ کی بناء پر چند مخصوص جگہوں کے علاوہ انسان کو مقید نہیں کیا کہ کوئی معاملہ بلا مشورہ کر ہی نہ سکے، بسااوقات اہم معاملات پیش آتے ہیں اور ایک تجربہ کار انسان کو اس کے انتظام و انصرام اور حل کا طریقہ معلوم ہوتا ہے اور یہ بھی جانتا ہے کہ کسی صاحب ِ عقل و دانش سے مشورہ کرے گا تو اس کے سوا اور کوئی دوسرا راستہ نہیں بتلا سکتا، اس حالت میں اگر وہ بلا مشورہ کام کر بیٹھے تو کوئی حرج نہیں ہے، اسی طرح معاملات کی نوعیت اور منافع و خطرات کی عظمت و وقعت اور قوت و ضعف کے اعتبار سے مشورہ کے حکم ِ استحسان میں فرق ہو جائے گا، بعض مواقع میں مشورہ نہایت اہم اور ضروری ہو گا اور بعض جگہ درجۂ  استحسان میں رہے گا۔ بہرحال وہ امور جن میں کوئی جانب شرعاً، عقلاً، عرفاً، عادتاً معین نہیں اور جن کے مختلف جوانب میں خطرات و منافع کا احتمال ہے، یعنی نتائج مبہم اور مخفی ہوں، ان میں مشورہ کو اپنا معمول بنانا چاہیے۔ اس میں اتباعِ سنت کے علاوہ ہزار فوائد ہیں، اہل علم اور مشورہ کے پابند حضرات اس سے اچھی طرح واقف ہیں ۔
مشورہ کن سے کیا جائے؟: مشورہ ہمیشہ ایسے شخص سے کرنا چاہیے جس کو متعلقہ معاملے میں پوری بصیرت اور تجربہ حاصل ہو، چنانچہ دینی معاملات میں ماہر اور صاحب ِ نظر عالم ِ دین سے مشورہ کرنا چاہیے اور کسی بیماری اور جسمانی صحت کے بارے میں کسی اچھے ڈاکٹر کا انتخاب ہی مفید ہو گا۔ غرض جس طرح کا معاملہ ہے، اسی فن کے ماہرین اور تجربہ کار کا انتخاب کیا جائے، کیوں کہ تجربہ کے بغیر صرف عقل کامیابی سے ہمکنار نہیں کرسکتی، گویا مشورہ لینے کے لیے عقل اور تجربہ دونوں کا بیک وقت موجود ہونا نہایت ضروری ہے۔ ایک دوسرے کے بغیر صحیح رہنمائی نہیں مل سکتی۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک موقع پر ارشاد فرمایا: استشیروا ذوی العقول ترشدوا و لاتعصوہم فتندمو۔ (مسند ِ شہاب: ۶۷۳) ’’عقلمندوں سے مشورہ کرو، کامیابی پالو گے اور ان کی مخالفت نہ کرو ورنہ شرمندگی پاؤ گے۔‘‘ حضرت عبداللہ بن الحسن نے اپنے صاحبزادہ محمد بن عبداللہ کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا تھا: ’’جاہل کے مشورہ سے بچو اگرچہ کہ وہ خیرخواہ ہو جیسا کہ عقلمند کی دشمنی سے بچتے ہو۔‘‘ (المدخل: ۴/۲۹)
کسی میں اگر عقل اور تجربہ نہیں ہے تو وہ مشورہ کا اہل بھی نہیں ہے، اگر اس سے مشورہ کیا جائے تو پہلے وہ مشورہ ہی کیا دے گا اور اگر مشورہ دے گا بھی تو اس مشورے سے کیا فائدہ، اس لیے مشورہ کے لیے عقلمند، ماہر اور تجربہ کار ہونے کی شرط لگائی گئی ہے۔ اسلام کی شورائیت اور موجودہ جمہوریت میں یہی بڑا فرق ہے کہ شورائیت کا تعلق اہلیت سے ہے اور جمہوریت کا اکثریت سے، جس پارٹی کو اکثر لوگوں نے منتخب کر لیا وہی حکمرانی کا حق دار ہے، چاہے ووٹ دینے والے پاگل اور دیوانہ ہی کیوں نہ ہوں، یہی وجہ ہے کہ جمہوری نظام ایک تباہ کن نظام ہے، عقل و خرد سے اس نظام کا کوئی واسطہ نہیں ہے، اسلام نے اپنا نظام شورائیت پر رکھا ہے، یعنی ماہرین، تجربہ کار اور عقلمندوں کے مشورے سے کوئی فیصلہ صادر کیا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم، حضراتِ شیخین، صدیق اکبرؓ اور فاروقِ اعظمؓ کی رائے کو جمہور صحابہؓ پر فوقیت دیتے اور آپؐ ان دونوں حضرات سے مخاطب ہو کر فرماتے: لو اجتمعتما فی مشورۃ ماخالفتکما۔ ’’جب تم دونوں کسی رائے پر متفق ہو جاؤ تو میں تم دونوں کے خلاف نہیں کرتا۔‘‘ (مسند ِ احمد) معلوم ہوا کہ محض کثرت کا شریعت ِ اسلامی میں کوئی اعتبار نہیں، قوتِ عقل و بصیرت اہم چیز ہے۔
اسی طرح مشورہ کے لیے ایسے شخص کا انتخاب کیا جائے جو متقی اور دیندار ہو، جس میں اللہ تعالیٰ کا خوف اور عند اللہ جواب دہی کا احساس نہ ہو، اس کے مشورہ پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا، پتہ نہیں اس نے صحیح مشورہ دیا ہے یا نہیں، ممکن ہے کہ اس کے نزدیک دوسری رائے بہتر ہو اور محض نقصان پہنچانے کے لیے اس کو یہ رائے دی ہو تاکہ مشورہ کرنے والے کو نقصان اور پریشانی میں دیکھ کر ہنسنے اور مذاق کا موقع مل سکے۔ کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ پرانے زمانے کا کوئی بغض دل میں چھپا ہوتا ہے اور وہ موقع کی تاک میں رہتا ہے، غلط مشورہ دے کر نقصان پہنچانے میں وہی بدلے کا جذبہ کارفرما ہوتا ہے، لیکن جب آدمی میں اللہ تعالیٰ کا خوف ہو گا تو اس طرح کے احتمالات اور امکان سے دل مطمئن ہو گا، اسی لیے اہل علم نے لکھا ہے کہ مشورہ دینے والے کو دیکھنا چاہیے کہ اس میں ہمدردی اور اخوت کا جذبہ ہے یا نہیں، اگر ہمدردی کا داعیہ نہیں بالخصوص مشورہ لینے والے کے حق میں مشیر کا دل حسد و کینہ اور بد خواہی سے پر ُ ہو تو اس سے مشورہ ہرگز نہیں لینا چاہیے، اس کا مشورہ سم ِ قاتل سے کم نہیں ہو گا۔
مشورہ لینے کے لیے یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ مشیر فکر و نظر کے اعتبار سے صالح ہے یا نہیں، جذباتی انسان کا مشورہ معتبر نہیں ہوسکتا ہے، اس لیے کہ ایسے شخص کا مشورہ اس امکان سے خالی نہیں کہ غیظ و غضب میں مبتلا ہو کر یا جذبات کے رَو میں بہہ کر اس نے یہ رائے دی ہو، اسی طرح جس کا قلب ایسے ہجوم و افکار سے خالی نہ ہو جن کی وجہ سے دماغ پریشان اور قلب مشغول ہو جاتا ہے، ان سے بھی مشورہ طلب نہیں کرنا چاہیے، اس لیے کہ وہ اس پوزیشن میں ہے کہ اپنی پوری عقل لڑا کر اس کی تمام جہتوں پر غور کرسکتا ہے اور نہ ہی مستشیر کی رہبری کرسکتا ہے۔
جس کا مفاد وابستہ ہو اس سے بھی مشورہ نہ کیا جائے جیسے کسی دکاندار سے کسی چیز کے خریدنے کے بارے میں اگر پوچھا جائے گا تو وہ اس کی بہت ساری خوبیاں بیان کر دے گا، کیوں کہ وہ جانتا ہے کہ اس سامان کے فروخت ہونے میں اس کے منافع پوشیدہ ہیں، اس لیے اس سامان کے کمزور پہلوؤں کو وہ پردۂ  راز میں رکھتا ہے۔ مشورہ لینے والے کو چاہیے کہ سوچ سمجھ کر مشیر کا انتخاب کرے، ورنہ مشورہ فائدہ کے بجائے نقصان پہنچا سکتا ہے۔
مشیر کے فرائض :(۱) جس معاملہ میں اس سے مشورہ لیا جا رہا ہے، اگر اس میں مکمل بصیرت ہو تو مشورہ دے، ورنہ صاف کہہ دے کہ مجھے اس بارے میں کوئی جانکاری نہیں ہے، اس لیے میں مشورہ کا اہل نہیں ہوں، یہ کوئی ہتک اور بے عزتی کی بات نہیں بلکہ اس کے اخلاص اور جذبۂ  ہمدردی کی بنیاد پر اجر و ثواب کا مستحق ہو گا، مشورہ لینے والے کا بھی اعتماد بڑھ جائے گا اور اسے یقین ہو جائے گا کہ یہ میرے حق میں مخلص ہے، آج کل لوگوں کا یہ مزاج ہے کہ کچھ آئے یا نہ آئے مشورہ لیتے وقت ضرور کچھ نہ کچھ جواب اور مشورہ دے دیتے ہیں، یہ دیانت کے خلاف ہے۔  
(۲)  غور و فکر کے بعد مشیر کا ذہن جس طرف مائل ہو رہا ہے، کسی رعایت کے بغیر صاف طور پر اس کا اظہار کر دے، یعنی مشیر کا ایک اہم فریضہ یہ بھی ہے کہ اسے اپنے بھائی کا حق سمجھتے ہوئے صحیح مشورہ دے، رسول اکرم ا نے جان بوجھ کر کسی کے معاملہ کو بگاڑنے کے لیے یا کسی کا نقصان کرانے کے لیے مشورہ دینے کو خیانت اور گناہ قرار دیا ہے ارشاد ہے : ’’ من استشار اخاہ فاشارہ علیہ بامرہ وھو یری الرشد غیر ذلک فقد خانہ ‘‘ (مسند احمد) ’’ جس نے اپنے بھائی سے مشورہ کیا اور اس نے اسے کوئی ایسا مشورہ دیا جس کے علاوہ میں وہ کامیابی سمجھتا ہو تو اس نے اس کے ساتھ خیانت کی۔ ‘‘  مشورہ دینے میں اس بات کی ہرگز پرواہ نہ کرے کہ اگر میں اس کو یہ مشورہ دوں گا تو شاید اس کا دل ٹوٹ جائے گا، یہ مجھ سے ناراض اور رنجیدہ ہو جائے گا۔  کیوں کہ مشورہ طلب کرنے کے بعد اس کی گنجائش نہیں رہتی کہ خوش کرنے کے لیے غلط اور خلاف حقیقت رائے دی جائے، کسی انسان کی نہیں بلکہ اللہ کی رضا مندی اور ناراضگی کا خیال رکھے اور جو مشورہ ذہن میں آئے دو ٹوک انداز میں بیان کر دے۔  اس کے ذیل میں علماء اور اہل فقہ نے اس بات کی بھی صراحت کی ہے کہ صحیح مشورہ دینے میں اگر کسی کی غیبت بھی ہو رہی ہو تو بھی صحیح بات بتائے، شرعاً ان مواقع میں غیبت معاف ہے۔  مثلاً رشتہ کے لیے کسی لڑکی یا لڑکے کے بارے میں سوال کیا جائے، اگر اس  میں کوئی عیب ہے اور آپ کو معلوم ہے تو ضرور اس سے مشورہ لینے والے کو مطلع کر دینا چاہیے اور اس موقع پر اظہار عیب معاف ہے کیوں کہ یہاں کسی کی زندگی کے بننے اور بگڑنے کا مسئلہ ہے۔  
(۳)  مشورہ دینے والے کی ذمہ داری ہے کہ جس معاملہ میں مشورہ لیا گیا ہے، اس کو راز میں رکھے، لوگوں کے سامنے اس کو ظاہر نہ کرے، جیسے کسی نے اپنی بیوی کے کسی معاملہ کے بارے میں مشورہ کیا یا لڑکی اور لڑکے کے رشتہ یا کسی اور معاملہ میں رائے معلوم کی تو گویا یہ مشیر اور مستشیر کے درمیان ایک راز کی بات ہو گی، ہوسکتا ہے کہ مشورہ لینے والا چاہتا ہو کہ اس کی یہ باتیں مشیر کے علاوہ دوسروں تک نہ پہنچے، دوسروں کے سامنے بیان کرنے سے یقیناً اس کو تکلیف پہنچے گی اور یہ خیانت کا معاملہ ہو گا، رسول اکرم ا نے ارشاد فرمایا ’’المستشار مؤتمن ‘‘ ( ترمذی ) یعنی جس شخص سے مشورہ کیا جاتا ہے وہ امانت دار ہوتا ہے، اسے امانت داری کا پورا حق ادا کرنا چاہیے۔  آج کل دیگر خرابیوں کے ساتھ ایک خرابی یہ بھی ہے کہ کسی کے راز کو راز نہیں سمجھا جاتا، کسی کے بارے میں کوئی چیز معلوم ہوتی ہے تو فوراً اسے عام کرنے کی فکر ہو جاتی ہے اور پھر اس کے نتیجے میں جھگڑے، فسادات دشمنیاں اور ناچاقیاں پھیلتی ہیں، ضرورت ہے کہ دلوں میں اللہ کا خوف پیدا کیا جائے اور اتحاد و یگانگت کا ماحول بنایا جائے۔  
(۴) مشیر کا کام ہے صرف مشورہ دینا، اصرار یا رائے تھوپنے کا مزاج درست نہیں ہے مشورہ لینے والے کا مقصد ہوتا ہے کہ مختلف جہتوں سے معاملہ کو پہچانا اور جانا جائے پھر غور و فکر کے بعد کسی ایک پہلو کو اختیار کیا جائے، ظاہر ہے کہ مشورہ طلب کرنے والا مشورہ میں شریک تمام افراد کی رایوں اور خیالات پر عمل نہیں کرسکتا، وہ صرف اپنے ذاتی حالات کے اعتبار سے صرف کسی ایک کی رائے کو پسند کرسکتا ہے، اس لیے اگر کسی کے مشورہ پر عمل نہ کیا جائے تو اس سے دل گیر اور رنجیدہ نہیں ہونا چاہیے، خوش دلی اور خندہ پیشانی سے مشورہ کرنے والے کے فیصلہ پر رضامندی کا اظہار کیا جائے، حضرت بریرہؓ کا نکاح حضرت مغیثؓ سے ہوا تھا، حضرت بریرہؓ پہلے باندی تھیں، جب وہ آزاد کی گئیں تو رسول اکرم ا نے شریعت کا حکم سنایا کہ تمہیں اختیار ہے چاہو تو اپنے شوہر کے نکام میں رہو اور چاہو تو علاحدگی اختیار کر لو، حضرت بریرہؓ شوہر سے خوش نہیں تھیں، اس لیے انہوں نے علاحدگی کا ارادہ کر لیا، ان کے شوہر حضرت مغیثؓ کو ان سے کافی محبت تھی، وہ چاہتے تھے کہ بریرہؓ علاحدگی اختیار نہ کریں، حضرت مغیثؓ نے بہت کوشش کی مگر وہ تیار نہ ہوئیں، بالآخر نبی کریم ا سے حضرت مغیثؓ نے سفارش کرایا، حضرت بریرہؓ نے سوال کیا یا رسول اللہ ! یہ آپ کا مشورہ ہے یا حکم ہے ؟ اگر حکم ہے تو سرتابی کی مجھے جرات نہیں ہے، آپ ا نے فرمایا کہ یہ حکم نہیں مشورہ ہے، حضرت بریرہؓ نے عرض کیا پھر تو میں آزاد ہوں کہ اس مشورہ کو قبول کروں یا نہ کروں، میری زندگی ان کے ساتھ گذرنی مشکل ہے اس لیے میں ان سے علاحدگی اختیار کرتی ہوں آپ نے فرمایا: ٹھیک ہے۔  (مشکوٰۃ: ۲۷۶) 
حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ صائب الرائے کون ہوسکتا ہے لیکن چوں کہ مشورہ تھا اس لیے حضرت بریرہؓ کے نہ ماننے پر آپؐ نے کسی طرح ناراضگی ظاہر نہیں کی موجودہ دور کے لیے یہ حدیث بڑا سبق آموز ہے، ذاتی رائے کو عام لوگوں پر مسلط کرنے کا مزاج عام ہو گیا ہے جس کے سبب بدنظمی اور بدعنوانی کا ہر طرف ایک سیلاب ہے۔ اپنی رائے کو محض ایک معمولی رائے سمجھنا چاہیے نہ کہ قولی فیصلہ تاکہ مشورہ کا حقیقی فائدہ حاصل ہوسکے۔  
مشورہ میں عمر کی قید نہیں : ہر وہ شخص جس میں مشورہ کی اہلیت پائی جاتی ہو، یعنی عقلمند تجربہ کار اور متقی وغیرہ ہو تو اس سے مشورہ لیا جا سکتا ہے خواہ عمر کم ہو یا زیادہ، مشورہ کے لیے عمر، کی کوئی قید نہیں ہے، سیدنا حضرت عمر بن الخطابؓ بعض وقت دلائل کے لحاظ سے اگر حضرت عبد اللہ بن عباسؓ کی رائے زیادہ مضبوط ہوتی تھی تو ان کی رائے پر فیصلہ نافذ فرماتے تھے، حالانکہ مجلس میں اکثر ایسے صحابہ موجود ہوتے تھے جو حضرت عبد اللہ بن عباسؓ سے عمر علم اور تعداد میں زیادہ ہوتے تھے، معلوم ہوا کہ چھوٹوں سے مشورہ لینے میں کوئی حرج نہیں ہے، یہاں یہ بات بھی واضح ہو گئی کہ اگر مشورہ کی اہلیت رکھنے والے ضابطے کے بڑے موجود نہ ہوں تو اپنے اہل و عیال جن پر اعتماد ہو ان سے کم سے کم مشورہ ضرور کر لینا چاہیے، انشاء اللہ اللہ تعالیٰ غیب سے مشورہ کی برکت سے ضرور کوئی راستہ نکالے گا، صلح حدیبیہ کے موقع پر جب کہ مسلمان عمرہ کرنے سے روک لیے گئے تھے، حضور اکرم ا نے صحابۂ  کرامؓ سے وہیں مقام حدیبیہ پر احرام کھولنے کا حکم دیا، مگر صحابۂ  کرامؓ پس و پیش کر رہے تھے، آپ ا نے امّ المومنین حضرت امّ سلمہؓ سے مشورہ کیا، انہوں نے فرمایا : یارسول اللہ ! یہ حضراتِ صحابہؓ جذبات اور جوش کے عالم میں مغلوب ہیں، اس لیے ان کے طرز ِ عمل کا کچھ خیال نہ کیجیے اور آپ خود پہلے اپنا احرام کھول لیجیے، یہ مشورہ کامیاب ہوا، صحابۂ  کرامؓ نے آپؐ کی اتباع میں احرام کھول دیا۔  حضرت امّ ِ سلمہؓ آپؐ سے عمر میں چھوٹی اور بیوی تھیں پھر بھی ضرورت پڑنے پر آپؐ نے ان سے مشورہ کیا۔  
اگر مشورہ میں اختلاف ہو جائے :کچھ لوگ اپنی عقل و دانش اور تجربہ و فن کے اعتبار سے ایک کام کو بہتر سمجھتے ہوں اور مشورہ میں شریک دوسرے افراد اس کو بہتر نہیں سمجھتے ہوں یا اس طرح کا اور کوئی اختلاف ہو جائے تو وہاں دیکھنا چاہیے کہ کون سی رائے قرآن و سنت کے مطابق یا قریب تر ہے اس پر عمل کر لیا جائے، اقلیت یا اکثریت کا شریعت میں کوئی اعتبار نہیں، افراد کی کمی اور زیادتی پر نظر نہ رکھی جائے، علامہ قرطبی لکھتے ہیں ۔  ’’والشوریٰ مبنیۃ علٰی اختلاف الآراء والمستشیر ینظر فی ذالک الخلاف وینظر اقربھا قولا إلٰی الکتاب والسنّۃ ان امکنہ فاذا ارشدہ اللّٰہ تعالٰی إلٰی ماشاء منہ عزم علیہ۔  ‘‘ ( قرطبی: ۴/۱۶۲) 
مانگے بغیر مشورہ دینا : مشورہ طلب کیے بغیر از خود مشورہ دینا بہتر نہیں ہے، طرفہ کہتا ہے : نا اہل کے لیے اپنی ہمدردی خرچ مت کر جو شخص تیری رائے سے استغناء کرے تو اس سے بے پرواہ ہو جاؤ۔ ( اسلام میں مشورہ کی اہمیت صفحہ ۱۰۷) البتہ اگر مشیر یہ سمجھے کہ کوئی شخص غلط راہ پر چلنے سے ہلاکت میں پڑسکتا ہے اور اس کو یقین ہے کہ اگر میں نے سکوت کیا تو وہ تباہ و برباد ہو جائے گا تو اس وقت از خود بڑھ کر اظہار رائے کرنا اور صحیح راستہ بتانا ضروری ہو جاتا ہے، جیسے ولایت و حکومت کی خواہش ممنوع ہے، مگر سیدنا حضرت یوسف علیہ السلام نے مصرؔ کی حکومت طلب کی تھی اس لیے کہ وہاں اصلاح اسی طریق سے ممکن تھی۔  
اللّٰہ پر توکل: اللہ تعالیٰ نے مشورہ کا حکم دیا، ساتھ ہی یہ بھی فرمایا گیا کہ مشورہ کے بعد جس پہلو کو بھی اختیار کیا جائے اس کے بارے میں اللہ پر توکل اور اعتماد رکھنا چاہیے، کیوں کہ مشورہ کا تعلق تدبیر سے ہے اور تقدیر تدبیر پر ہمیشہ غالب آتی ہے، اصحابِ عقل اور ارباب نظر و ماہرین فن کی رائے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ درست اور مثمر و منتج بھی ہو، سب چیزیں اللہ تعالیٰ کے قبضۂ  قدرت میں ہیں، اس لیے ایک مسلمان کا کام ہے کہ مشورہ لینے کے بعد اس پر عمل کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی قدرت پر یقین اور اعتماد رکھے۔
٭٭٭


نام رکھنے سے متعلق چند شرعی ہدایات

یہ اسلام کی خصوصیت ہے کہ اس نے زندگی کے ہر پہلو کو روشن کیا ہے۔  ولادت سے موت تک کوئی گوشہ ایسا نہیں جس میں شریعت کی کامیاب رہنمائی حاصل نہ ہو، نہ صرف عبادت، ذکر و اذکار بلکہ معاشرت اور طریقۂ  زندگی کا ایک ایک اصول بتایا گیا ہے، پیشاب پاخانہ، سونا جاگنا، اٹھنا بیٹھنا، چلنا پھرنا اور زندگی میں پیش آنے والی معمولی سے معمولی چیز کے بارے میں اسلام نے واضح ہدایات دیں، جن پر عمل کرنے کو مسلمان کا شعار قرار دیا گیا، دشمنانِ اسلام کو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے یہ ارشادات اور سنتیں عجوبہ معلوم ہوئیں، اس لیے بعض نے حضرت سلمان فارسی ؓ سے طنزیہ لہجہ میں کہا قد علمکم نبیکم کل شیئٍ حتی الخراء ۃ۔ ’’ تم لوگوں کو تمہارے پیغمبر تمام چیزیں سکھاتے ہیں، یہاں تک کہ پیشاب اور پاخانہ بھی ‘‘ حضرت سلمان فارسی ؓ نے جذبات میں آئے بغیر سنجیدگی سے جواب دیا اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد کے مطابق استنجاء کے چند اصول بیان کیے۔ ( تفصیل کے لیے دیکھئے ترمذی: ۱/۱۰) 
ان دشمنوں کو کیا معلوم کہ اسلام کے بتائے گئے ان معمولی احکام میں بھی اجر و ثواب کے علاوہ ہزار طبی فوائد ہیں اور تہذیب و تمدن کا اعلی معیار بھی، بعد کے زمانہ میں سائنسی تحقیقات نے جن کی تائید کی اور بہت سے غیر مسلم نے ایمان قبول نہ کرنے کے باوجود دنیوی مفاد کے لیے ان کو اختیار کیا اور ان پر عمل کرنے میں ہی عافیت محسوس کی، غرض اسلام ایک ہمہ گیر اور لازوال مذہب ہے، مذاہب عالم میں اس کی کوئی مثال نہیں، اس کے بتائے ہوئے طریقے میں عزت ہے اور سکون بھی۔  
انسان جس سطح کا بھی ہو وہ چاہے تو اسلام کے دیئے گئے خطوط پر عمل کر کے مہذب اور کامیاب زندگی بسر کرسکتا ہے کہ اس میں ناکامی کا کوئی سوال ہی نہیں ان ہی اصولِ زندگی میں ایک اہم اصول یہ بتایا گیا ہے کہ جب بچہ پیدا ہو تو پہلے اس کے دائیں کان میں اذان اور بائیں میں اقامت کہی جائے، پھر ساتویں دن عقیقہ کیا جائے اور لڑکا ہو یا لڑکی اس کا بہتر نام منتخب کیا جائے جس میں معنوی طور پر خوبی اور اچھائی ہو، اس لیے کہ اچھے اور برے نام کا زندگی پر بڑا اثر پڑتا ہے، ڈیڑھ ہزار کتاب کے مصنف حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی ؒ نے ناموں کے اثر انداز ہونے سے متعلق ایک موقع پر فرمایا : امام اعظمؒ کے پڑوس میں ایک شخص نے دو خچروں کا نام ابوبکر اور عمر رکھا تھا۔ ایک روز ایک خچر نے لات مار کر اس شخص کا پیٹ پھاڑ دیا، جب امام صاحب کو خبر ہوئی تو فرمایا کہ یہ وہ خچر ہو گا جس کا نام اس نے عمر رکھا تھا، اس نام کا یہی اثر ہونا چاہیے، بعد میں اس کی تصدیق ہو گئی۔  حضرت (مولانا تھانویؒ )  نے فرمایا کہ الفاظ اور ناموں میں بھی اللہ نے تاثیر رکھی ہے، ایک لڑکے کا نام والدین نے کلیم اللہ رکھا وہ اکثر بیمار رہتا تھا، میں نے اس کا نام بدل کر سلیم اللہ رکھ دیا اس وقت سے تندرست رہنے لگا کیوں کہ کلیم کے معنی معروف مجروح اور زخمی کے ہیں ۔‘‘ (مجالس حکیم الامت: ۱۶۵)
اس طرح کی ایک دو مثال نہیں بلکہ سیکڑوں مثالیں ہیں کہ غلط نام رکھنے کے سبب زندگی پر برے اثرات مرتب ہوئے اور جب ان کا نام بدل دیا گیا تو نجات حاصل ہوئی اسی کے ساتھ اچھے نام کے انتخاب کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہے کہ قیامت کے دن بر سر عام لوگوں کو ان کے اور ان کے باپ کے نام سے پکارا جائے گا  (ایک روایت میں ماں کے نام سے بھی پکارے جانے کا تذکرہ ہے ) ظاہر ہے کہ اگر نام اچھا نہ ہو تو عام محفل میں بڑی شرمندگی اٹھانی پڑے گی اس لیے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے تمام والدین کو تاکید کی ہے کہ اپنی اولاد کے لیے بہتر نام کا انتخاب کریں، چنانچہ حضرت ابو درداء ؓ سے روایت ہے کہ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ’’تدعون یوم القیامۃ باسمائکم واسماء آبائکم فاحسنوا اسمائکم ‘‘ ( مسند احمد ) ’’ قیامت کے دن تم اپنے اور اپنے آباء کے ناموں کے ساتھ پکارے جاؤ گے لہٰذا تم اچھے نام رکھا کرو ‘‘۔  احادیث میں سب سے اچھا اور بہتر ایسے نام کو تایا گیا ہے جس کے شروع میں ’’عبد‘‘ (بندہ) کا لفظ لگا ہوا ہو، کیوں کہ اس میں اپنی عبدیت بے چارگی اور عجز کا اعلان ہوتا ہے اور یہ اللہ کو بہت پسند ہے جیسے عبد اللہ ( اللہ کا بندہ ) عبد الرحمن (رحمن کا بندہ) وغیرہ۔  عبد کے لفظ کے ساتھ اگرچہ تمام نام پسندیدہ ہیں مگر مذکورہ دونوں نام زیادہ پسند ہیں، اس لیے کہ عبد اللہ میں لفظ اللہ خدا کا ذاتی نام ہے اور عبدالرحمن میں رحمن اگرچہ ذاتی نام نہیں لیکن مشہور ہونے کی بنیاد پر ذاتی نام کے درجہ میں ہے، بہر حال یہ یا دوسرے کسی بھی صفاتی نام کے ساتھ ’’عبد‘‘ کا لفظ بڑھا کر اگر نام رکھا جائے تو بہتر اور پسندیدہ ہے، اسی طرح انبیائے کرام کے نام پر بھی نام رکھنا پسندیدہ اور لائق تحسین ہے، اس میں انبیاء کرام سے محبت اور تعلق کا اظہار ہے تاہم ناموں کا انحصار اس پر نہیں ہے کہ اس کے شروع میں لفظ ’’عبد‘‘ یا انبیاء کا نام ہو بلکہ اس بارے میں یہ اصول یاد رکھنا چاہیے کہ ہر وہ نام جس میں معنوی لحاظ سے کچھ نہ کچھ خوبی ہو، اس کا بہتر معنی و مفہوم نکلتا ہو اس کو اولاد کے لیے منتخب کیا جا سکتا ہے، وہ اچھے نام کے دائرے میں شامل ہو گا۔  مشہور صاحب ِ نظر عالم دین مولانا منظور نعمانیؒ ایک حدیث کی تشریح کرتے ہوئے فرماتے ہیں : 
’’عبداللہ اور عبدالرحمن کے زیادہ پسندیدہ ہونے کی وجہ ظاہر ہے، اس میں بندے کی عبدیت کا اعلان ہے اور یہ چیز اللہ کو پسند ہے، اسی طرح انبیاء علیہم السلام کے نام بھی پسندیدہ ناموں میں سے ہیں، وہ انبیاء علیہم السلام کے ساتھ نسبت کو ظاہر کرتے ہیں، چنانچہ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صاحبزادے کا نام ابراہیم رکھا تھا اور سنن ابی داؤد وغیرہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد بھی مروی ہے سموا باسماء الانبیاء ( یعنی پیغمبروں کے ناموں پہ نام رکھو ) اس کے علاوہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بعض بچوں کے نام ایسے بھی رکھے جو معنوی لحاظ سے اچھے ہیں اگرچہ وہ پیغمبروں کے معروف ناموں میں سے نہیں ہیں، مثلاً اپنے نواسوں کا نام حسن اور حسین رکھا اور ایک انصاری صحابی کے بچے کا نام منذر رکھا۔  
الغرض اس باب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے طرز عمل اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات سے یہی رہنمائی ملتی ہے کہ باپ کی ذمہ داری ہے کہ بچے کا اچھا نام رکھے یا اپنے کسی بزرگ سے رکھوائے ‘‘ (معارف الحدیث: ۶/۳۱) 
برے نام سے حد درجہ احتیاط کرنا چاہیے کہ ان میں بھلائی کے بجائے برائی، نقصاندہ اور غلط امور کی طرف ذہن منتقل ہوتا ہے اور روز مرہ کی زندگی میں ان کے غلط اثرات مرتب ہوتے ہیں جیسے کسی لڑکے کا نام عاص یا لڑکی نام عاصیہ رکھنا درست نہیں ہے، کیوں کہ یہ نام لفظی مفہوم کے اعتبار سے عصیان و سرکشی عدم اطاعت اور نافرمانی پر دلالت کرتے ہیں، بظاہر اس کا مطلب یہ ہو گا کہ یہ لڑکا یا یہ لڑکی اللہ کا نافرمان ہے جب کہ مؤمن کی خصوصیت اطاعت و فرماں برداری ہے، وہ اپنے آپ کو مکمل اللہ کے سپرد کر دیتا ہے، اس لیے کسی مؤمن کے لیے ایسے نام کا انتخاب درست نہیں جس میں نافرمانی کے معنی پایا جائے خواہ نیت کچھ بھی ہو۔  اسی طرح کسی کا نام شیطان یا اس کے ہم مثل کوئی نام رکھنا بھی درست نہیں، اس لیے کہ اس طرح کے نام سے نہ صرف شیطان کے ساتھ مشابہت اختیار کرنا ہے جو تمام برائیوں کی جڑ ہے بلکہ اس کے لفظی مفہوم کے اعتبار سے بھی نہایت غیر موزوں ہے، کیوں کہ لفظ شیطان یا تو ’’شیط‘‘ سے نکلا ہے جس کے معنی ہیں جل جانا، ہلاک ہو جانا یا شیطن سے نکلا ہے جس کے معنی ہیں خدا کی رحمت سے دور ہونا، اس لیے یہ لفظ یا اس جیسا دوسرا لفظ جس کے مفہوم میں یکسانیت ہو، نام رکھنا غلط ہے، اسی طرح کسی کا نام کلب (کتا) غراب (کوا) حباب (شیطان یا سانپ کا نام) وغیرہ رکھنا اسی حکم میں داخل ہے کہ یہ الفاظ معنی و مفہوم کے اعتبار سے بہتر نہیں، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ایسے ناموں کو بھی پسند نہیں فرماتے جن کے معنی میں سختی، گرمی، حزن و ملال، لڑائی جھگڑا یا کوئی ایسا مفہوم نکلتا ہو جو تہذیب و شرافت کے خلاف ہے، اس لیے کہ نام کے معنی و مفہوم کا زندگی پر اثر پڑنا لازمی عنصر ہے، اس کی وجہ سے مزاج میں خواہ مخواہ تیزی، لڑائی جھگڑا یا پھر حزن و ملال کا اثر مرتب ہو گا، یہی وجہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس طرح کے ناموں کو تبدیل کر دیا کرتے تھے۔  احادیث میں ایسے نام بھی رکھنے سے منع کیا گیا ہے جن کے معنی سے اپنی بڑائی، اونچے مقام و مرتبہ نیکی وغیرہ کا مفہوم ظاہر ہوتا ہو کہ اس سے دل و دماغ میں کبر اورنخوت کا جذبہ پیدا ہوسکتا ہے یا کم سے کم سننے والوں کو ان کی عظمت، اعلی مقام اور غیر معمولی قوت کا احساس ہو گا جو صفات خداوندی میں سے ہے۔  حضرت زینب بنت ابی سلمہ کہتی ہیں کہ میرا نام برہ (یعنی نیکوکار) رکھا گیا تو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اپنے نفس کی تعریف نہ کرو، تم میں جو شخص نیکوکار ہے اس کو اللہ تعالیٰ خوب جانتا ہے، اس بچی کا نام زینب رکھو (صحیح مسلم) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس نام کو ناپسند کرنے کی یہ وجہ بیان کی کہ اس لفظ کے مفہوم سے نفس کی تعریف ظاہر ہوتی ہے جو نامناسب ہے، اس سے نفس میں بڑائی پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔  
اسی طرح حضرت شریح ابن ہانی اپنے والد حضرت ہانیؓ سے نقل کرتے ہیں کہ جب وہ ( حضرت ہانی ) اپنی قوم کے ساتھ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سنا کہ ان کی قوم ان کو ابوالحکم کی کنیت کے ذریعہ یاد و مخاطب کرتی ہے، چنانچہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو بلایا اور فرمایا کہ حَکم تو صرف اللہ تعالیٰ ہے اور حکم اسی کی طرف سے ہے پھر تم نے اپنی کنیت ابو الحکم کیوں مقرر کی ہے ؟ حضرت ہانیؓ نے عرض کیا کہ میری قوم مجھ کو ابو الحکم کنیت کے ذریعہ اس لیے پکارتی ہے کہ جب میری قوم کے لوگ کسی معاملہ میں اختلافات کا شکار ہوتے ہیں تو میرے پاس آتے ہیں اور میں ان کے معاملے میں جو فیصلہ کرتا ہوں دونوں فریق میرے حکم اور فیصلہ کو تسلیم کر لیتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ سن کر فرمایا کہ یہ یعنی لوگوں کے تنازعات مٹانا اور ان کے درمیان فیصلہ و حکم کرنا بہت اچھی بات ہے لیکن یہ بتاؤ تمہارے کتنے بچے ہیں اور ان کے نام کیا کیا ہیں، انہوں نے کہا میرے تین بچے ہیں جن کے نام شریح، مسلم اور عبد اللہ ہیں، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا ان تینوں میں سے بڑا کون ہے ؟ حضرت ہانیؓ کہتے ہیں کہ میں نے عرض کیا شریح ! آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : تو پھر آج سے تم ابوشریح ہو۔  ( ابوداؤد و نسائی ) 
حضرت ہانی رضی اللہ عنہ کی کنیت ابو الحکم کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس لیے ناپسند فرمایا کہ اس کے مفہوم میں اللہ کی صفت خاص حکمیت ( فیصلہ کرنے ) کے ساتھ اشتراک پایا جاتا ہے، حضرت ہانیؓ کی کنیت ابو الحکم رکھنے میں اگرچہ وہ ذہن کار فرما نہیں تھا مگر ظاہری مفہوم کے اعتبار سے اللہ کی ایک صفت میں شریک ہونا لازم آرہا تھا اس لیے آپ نے اس کو بدل دیا، یہی وجہ ہے کہ آپ نے غلام کے مالکوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے غلام کو ’’عبدی‘‘ کے بجائے ’’غلامی‘‘ کہہ کر پکاریں، اگرچہ دونوں کے معنی ایک ہی ہیں مگر عبد کے مفہوم میں بندگی اور عبادت کرنے کا پہلو بھی شامل ہے یعنی عبد اپنے معبود کے سامنے سجدہ کرتا ہے اور وہ اس کا حقیقی مالک ہوتا ہے اور عبادت صرف اللہ تعالیٰ ہی کی ہوسکتی ہے کسی مخلوق کی نہیں، اس اعتبار سے اگر کوئی انسان کسی دوسرے انسان کو اپنا عبد یعنی بندہ کہتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ بظاہر وہ یا تو حقیقت ِ عبدیت میں شرک کا مرتکب ہو رہا ہے یا شرک کا مرتکب نہ سہی ارتکاب شرک کے گمان کا سبب بن رہا ہے، لہٰذا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس لفظ کو استعمال کرنے سے منع فرمایا، اسی طرح آپ نے غلام کو بھی حکم دیا ہے اپنے مالک کو ربی ( میرا رب ) نہ کہے بلکہ سیدی وغیرہ کے لفظ سے مخاطب کرے کیوں کہ اگرچہ ’’ رب ‘‘ کے معنی تربیت اور پرورش کرنے والا کہا جا سکتا ہے لیکن ربوبیت علی الاطلاق ایک ایسی خاص صفت ہے جو صرف اللہ تعالیٰ کی ذات سے متعلق ہے لہٰذا کسی انسان کو ’’ رب ‘‘ کہنا شرک کے گمان کا باعث ہے۔  ( مظاہر حق جدید: ۵/۴۱۵) 
احادیث میں ایسے نام بھی رکھنے سے منع کیا گیا ہے جن سے کبھی بدفالی اور بدشگونی کا مفہوم پیدا ہوتا ہو جیسے اگر کسی کا نام برکت یا رحمت رکھا جائے، اگر کوئی اسے تلاش کرنے کے لیے آئے اور وہ گھر میں نہ ہو تو گھر سے جواب میں کہا جائے گا کہ یہاں برکت نہیں ہے یا رحمت نہیں ہے، اگرچہ اس سے مراد وہ متعین آدمی ہے مگر معنی کی وسعت کے لحاظ سے مطلب ہو گا کہ اس گھر میں برکت اور رحمت نہیں ہے، گویا آپ نے جان بوجھ کر اپنے گھر سے برکت اور رحمت کی نفی کر دی، یہ بدفالی ہے، اس سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا تاہم خیال رہے کہ اس قسم کے نام میں معنوی خرابی نہ ہونے کے سبب اس کا انتخاب محض مکروہ تنزیہی ہو گا، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے امت کے ساتھ شفقت کا معاملہ کرتے ہوئے ناپسندیدگی کا اظہار فرمایا ہے۔  ( مرقاۃ المفاتیح: ۹/۱۰۷) 
مذکورہ تفصیل کے بعد یہ پہلو قابل غور ہے کہ اگر کسی کے والدین نے ناواقفیت کے سبب یا غیر شعوری میں کسی کا نام غلط رکھ دیا تو کیا کرنا چاہیے ؟ اس کا جواب ام المؤمنین حضرت عائشہؓ سے سنئے، وہ فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول یہ تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم برے ناموں کو تبدیل کر دیا کرتے تھے۔  جیسے ایک صحابی کا نام ’’اصرم‘‘ تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا نام بدل کر زرعہ رکھ دیا، اس لیے کہ اصرم ’’صرم‘‘ سے مشتق ہے، جس کے معنی قطع و برید کرنا، ترک سلام و کلام کرنا اور درخت کاٹنا ہیں، ان معنی کی مناسبت سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اصرم نام کو ناپسند فرمایا اور اس کے بجائے زرعہ نام رکھ دیا، یہ لفظ زراعت سے ماخوذ ہے اور اپنے معنی کے اعتبار سے جو دو سخاوت اور خیر و برکت کی طرف اشارہ کرتا ہے۔  
اس طرح کی بہت سی مثالیں حدیث کی کتابوں میں موجود ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے معنی و مفہوم کے لحاظ سے کوئی خرابی یا نقص دیکھا تو اس کے اچھے ناموں سے تبدیل کر دیا اس لیے عمر کا کوئی بھی حصہ ہو برا نام بدل دینا چاہیے۔  واضح رہے کہ برصغیر میں عام طور پر یہ رجحان پایا جاتا ہے کہ اپنے بچے کا ایسا نام رکھا جائے جو پورے علاقہ، پورے گاؤں یا کم سے کم پورے خاندان میں نہ پایا جائے، اس کی کوئی اصلیت نہیں ہے، عہد نبوی سے لے کر آج تک عرب میں اس کا برعکس معاملہ ہے، کتب احادیث میں بھی بہت سے ایسے نام ملتے ہیں کہ جو دادا کا نام ہے وہی پوتے کا بھی، خود حضرت حسینؓ نے اپنے لڑکے کا نام ’’علی‘‘ رکھا تھا جب کہ ان کے والد حضرت علیؓ اسی نام سے مشہور و معروف تھے۔  اسی طرح بعض علاقوں میں گول مول اور ماڈرن نام رکھنے کا غلط رواج چل پڑا ہے جس سے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ یہ مسلم ہے یا غیر مسلم، مرد ہے یا عورت، دنیا کے کس طبقہ سے اس کا تعلق ہے، نام رکھنے میں اگر انبیاء، صحابہ و صحابیات کے ساتھ مشابہت اختیار کی جائے تو کیا بعید ہے کہ اللہ تعالیٰ معمولی مناسبت کی وجہ سے اس کا بھی حشر اسی کے ساتھ کرے یا وہ صفات کسی حد تک اس میں پیدا ہو جائیں، اس لیے اپنی اولاد کا نام منتخب کرتے ہوئے ضرور اس کا لحاظ رکھنا چاہیے۔  
ہمارے زمانے میں ایک رواج یہ بھی ہے کہ اولاد کو حقیقی نام کے بجائے محبت اور پیار میں دوسرے غیر مناسب لفظ سے پکارا جاتا ہے اور پھر وہ لفظ اتنا مشہور ہو جاتا ہے کہ اصل نام کسی کو یاد ہی نہیں رہتا، اس کو عرف یا پکارو نام کہا جاتا ہے جیسے منا، ببلو، چھوٹا، کالا وغیرہ۔  اس کا بھی وہی حکم ہے جو برا نام رکھنے کا ہے، اس لیے کہ اصل نام اگر چہ صحیح ہے مگر اس کا استعمال نہیں، والدین کے غلط استعمال سے دیگر لوگوں نے بھی اس کا غلط استعمال سیکھ لیا، اس کا سارا وبال والدین پر ہو گا۔ 
اسی طرح نام بگاڑنے کا بھی خطرناک رجحان ہمارے یہاں پیدا ہو گیا ہے، کسی کا نام عائشہ ہے تو اس کو ’’عاشو‘‘ اور دوسرے انداز میں پکارا جاتا ہے، ظاہر ہے کہ جس نیت سے اس کا اچھا نام رکھا گیا ہے اس طرح نام بگاڑ کر بولنے سے وہ تاثیر پیدا نہ ہو گی اور وہ لفظ مہمل اور بیکار ہو جائے گا، اس کا کوئی معنی نہیں نکلے گا، لہذا یہ گول مول نام کے دائرے میں آ جائے گا جو اسلامی نام سے خارج ہے، اسی طرح کسی کا نام عبد الرحمن ہے تو کبھی کبھی لفظ ’’عبد‘‘ ہٹا کر صرف ’’رحمن‘‘ پکارا جاتا ہے، حالانکہ رحمن صرف اللہ کی صفت ہے، آپ کی اگرچہ وہ نیت نہیں مگر ظاہری طرز سے تو یہی مفہوم ہوتا ہے کہ آپ اللہ کے علاوہ ایک بندہ کو رحمن سے پکار رہے ہیں نیت نہ ہونے کی وجہ سے اگرچہ شرک میں داخل تو نہیں مگر شرکت کا وہم ضرور ہے، اس سے بچنا لازمی ہے، ایمان نازک ترین شیء ہے، اس کی حفاظت اور نگرانی ایک مسلمان کے لیے از حد ضروری ہے، پتہ نہیں یہ ہمارے دل سے کب اور کس بہانے رخصت ہو جائے، نام رکھنے کا عمل ایک معمولی نظر آتا ہے مگر اسلام کے دیگر اصول و ضوابط کی طرح اس کے لیے بھی اصول متعین کیا گیا ہے، اس میں اللہ کی ہزار حکمتیں ہیں جن سے وہ خوب واقف ہے، ایک مسلمان کا کام تو صرف یہ ہے کہ کسی تحقیق و تفتیش کے بغیر سرتسلیم خم کر دے۔
٭٭٭



ووٹ اور ووٹرس   --  شرعی نقطۂ  نظر 

ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے، جہاں عوامی ووٹ اور الیکشن کے ذریعے حکومت تشکیل پاتی ہے، عوام جس پارٹی کو اپنی رائے دہی کے ذریعے منتخب کرتے ہیں وہی پارٹی برسراقتدار ہوتی ہے اور پھر اگلے پانچ سالوں تک وہی حکمرانی کراتی ہے، ایوانِ حکومت میں بیٹھنے والے اگر مخلص، ہمدرد اور فرض شناس ہوتے ہیں تو کافی حد تک عوام کو راحت ملتی ہے اور ان کی مختلف ضرورتیں تکمیل پاتی ہیں، حکمراں جانتے ہیں کہ ان ہی کے ووٹ سے ہم اس قابل بنے ہیں، لہٰذا انہیں کسی موقع پر نظرانداز نہیں کیا جاتا اور اگر نمائندے فرض شناس نہ ہوں تو ان کو صرف اپنی اولاد کا مستقبل اور کرسی نظر آتی ہے، لوگ پریشان رہتے ہیں مگر ان کو کوئی فکر نہیں ہوتی، بلکہ بسااوقات جیتنے کے بعد عوام کی پانچ سال تک اپنے نمائندے سے ملاقات بھی نہیں ہوتی، اس لیے  الیکشن کے وقت ووٹرس دانشمندانہ فیصلہ کرتے ہیں، کوشش کی جاتی ہے کہ ایسے امیدوار کو لایا جائے جو باصلاحیت، اخلاق و کردار کا پیکر، فرض شناس، قوم و ملت کا ہمدرد اور ان کے لیے مفید ہو۔ جمہوری ملک میں ووٹ ایک بڑی طاقت ہے، اس کے ذریعے عوام اپنی پسند کے مطابق نمائندوں کو ایوان میں بٹھا سکتے ہیں ۔ اب یہ فیصلہ رائے دہندوں پر ہے کہ وہ تدبیر اور دوررس نگاہی کے ذریعے اچھے افراد کو حکومت کا ممبر بنائیں یا وقتی وعدوں، بیان اور کچھ پیسوں کے حرص میں نامناسب، ظالم و جابر اور متکبرین کو اپنے اوپر مسلط کر لیں ۔ یہ ذمہ داری مسلمانوں کی مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ الیکشن کے وقت متحد ہو کر منصوبہ بند طریقے سے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کریں، اس لیے کہ ملک میں مسلمانوں کی اتنی بڑی آبادی ہے کہ وہ جس پارٹی کو چاہیں برسراقتدار لا سکتے ہیں گویا مسلمان ہندوستان میں کم از کم بادشاہ گر کا کردار تو ادا کر ہی سکتے ہیں، اس لیے بہتر ہو گا کہ ایک ذہن ہو کر مسلمان ایسے امیدواروں کو منتخب کریں جو اسلام اور مسلمانوں کے حق میں مفید ہوں، پارلیمنٹ اور اسمبلی وہ جگہ ہے جہاں قانون اور منصوبے بنتے ہیں، نظامِ حکومت اور طریقۂ  کار کا فیصلہ ہوتا ہے، کبھی ایسے قوانین بھی بنتے ہیں جو راست اسلامی تعلیمات کے مغائر ہوتے ہیں، ایک طرف مذہب کی اتباع ہے جو بہرحال لازم ہے اور دوسری طرف ملکی قوانین کی پاسداری بھی ملک میں رہنے کے لیے ضروری ہے۔ اس طرح کے نازک حالات میں مسلمان امتحان اور مصیبت کے شکار ہو جاتے ہیں ۔ ظاہر سی بات ہے کہ اگر مجالس قانون ساز میں مسلمانوں کی نمائندگی ہو یا ایسے ارکان موجود ہوں جن کے انتخاب میں مسلم ووٹ اثرانداز رہا ہو تو ان کے ذریعے مسلمانوں کے مذہبی مفادات کا بھی تحفظ ہوسکتا ہے۔ اسلام مخالف قوانین و دفعات کے خلاف ایسے ارکان صدائے احتجاج بلند کریں گے، ان کی منسوخی کا مطالبہ کریں گے اور حتی الامکان ایسے قوانین کو پاس ہونے نہیں دیں گے؛ لیکن اگر مسلمانوں کے مضبوط نمائندے ایوانوں میں نہ ہوں تو اسلام کے خلاف وہاں قوانین وضع ہوں گے اور اسلام کی طرف سے دفاع کرنے والا کوئی نہیں ہو گا، جس کے نتیجے میں اسلام مخالف قوانین پر مسلمانوں کو عمل کرنے پر مجبور کیا جائے گا، اس طرح سیاسی اور قومی سطح پر مسلمانوں کا بڑا نقصان ہو گا، ان کی جان و مال اور عزت و آبرو محفوظ نہیں رہے گی، دوسروں کی دست نگر رہیں گے، غلامی کی زندگی اپنانے پر مجبور ہوں گے، انہیں مذہبی اور قومی حقوق سے محروم ہونا پڑے گا اور سب سے بڑھ کر اسلام کا وجود خطرے میں پڑ جائے گا، مذہبی شناخت کا باقی رہنا بھی مشکل ہو جائے گا، اسی لیے حضراتِ علماء اور اربابِ افتاء نے قرآن و حدیث کی روشنی میں ووٹ دینے کو واجب قرار دیا ہے تاکہ اسلام کی حفاظت ہوسکے اور مسلمانوں کو ان کے حقوق مل سکیں ۔ 
یہ بڑی تشویشناک بات ہے کہ دوسری قوموں کی طرح مسلمانوں میں بھی ووٹ کے بارے میں بڑی بدعنوانیاں، بے راہ روی اور غیرمناسب رویہ پایا جاتا ہے، اختلاف و انتشار کے سبب مسلمانوں کے ووٹ بھی بکھر جاتے ہیں، ان میں کوئی فیصلہ کن قوت پیدا نہیں ہوتی، بعض لوگ ذاتی تعلقات اور رشتہ داری کو بنیاد بناتے ہیں، خواہ وہ پارٹی اور نمائندہ سیرت کے اعتبار سے کیسا بھی ہو اور بعض مسلم ووٹرس چند پیسوں کے حرص میں اپنا قیمتی ووٹ ضائع کر دیتے ہیں ۔ یہ سب اس لیے ہوتا ہے کہ ووٹ اور رائے دہی کو صرف ایک دنیوی حق اور سیاسی مسئلہ سمجھا جاتا ہے، مسلمانوں میں یہ غلط فہمی پھیل گئی ہے کہ الیکشن اور ووٹوں کا دین و مذہب سے کوئی تعلق نہیں، اس لیے وہ ووٹ کے بارے میں آزاد ہیں جیسا چاہیں اس حق کو استعمال کرسکتے ہیں بلکہ بعض ارباب تو یہ سوچ کر ووٹ کا حق استعمال بھی نہیں کرتے، جو سراسر شیطانی دھوکہ اور ناواقفیت پر مبنی ہے۔ واضح رہے کہ شرعی نقطۂ  نظر سے ووٹ کی حیثیت شہادت اور گواہی کی سی ہے اور جس طرح جھوٹی گواہی دینا حرام اور ناجائز ہے اسی طرح ضرورت کے موقع پر شہادت کو چھپانا بھی حرام ہے۔ ارشاد ِ باری ہے: ’’وَ لَاتَکْتُمُوْا الشَّہَادَۃَ وَ مَنْ یَّکْتُمْہَا فَاِنَّہٗ اٰثِمٌ قَلْبُہٗ۔‘‘  (البقرۃ: ۲۸۳) ’’اور تم گواہی کو نہ چھپاؤ اور جو شخص گواہی کو چھپائے اس کا دل گنہگار ہے۔‘‘ 
حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے شہادت چھپانے والوں کو جھوٹی گواہی دینے کی طرح گناہ ِ عظیم قرار دیا ہے۔ (دیکھئے طبرانی: ۴/۶۲) ویسے بھی یہ سوچنے کی بات ہے کہ اگر مسلمان ووٹ دینے سے کنارہ کش ہو جائیں تو اس کا سیدھا سا مطلب یہ ہے کہ وہ پورا میدان شریروں، فتنہ پردازوں اور بے دین افراد کے ہاتھوں میں سونپ رہے ہیں، پھر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف کسی کام پر شکوہ اور صدائے احتجاج بلند کرنے کا کیا حق ہے؟ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اگر لوگ ظالم کو دیکھ کر اس کا ہاتھ نہ پکڑیں تو کچھ بعید نہیں کہ اللہ تعالیٰ ان سب پر اپنا عذاب نازل فرما دے۔ (ترمذی) ایک دوسری روایت میں ہے کہ جس شخص کے سامنے کسی مؤمن کو ذلیل کیا جا رہا ہو اور وہ اس کی مدد کرنے پر قدرت رکھنے کے باوجود مدد نہ کرے تو اللہ تعالیٰ اسے قیامت کے دن برسرعام رسوا کرے گا۔ ان دونوں احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ مسلمانوں پر واجب ہے کہ ووٹ اور الیکشن میں حصہ لے کر مسلم معاشرہ کو ہونے والے مظالم سے نجات دلائیں، کیوں کہ یہ ان کے بس میں ہے۔ ووٹ سے کنارہ کشی کا مطلب ملت ِ اسلامیہ کو ظلم و زیادتی، ناانصافی اور بدعنوانی کے لیے چھوڑ دینا ہے، کیوں کہ اس طرح ایسے ہی لوگ برسراقتدار آئیں گے جو مسلمانوں کے دشمن ہوں گے اور یہ موقع ہم نے اپنی سستی اور کاہلی سے فراہم کیا ہے۔ سنگھ پریوار ذہنیت کے حامل لوگ چاہتے ہیں کہ مسلمان ووٹ نہ دیں، اسی لیے بسااوقات ووٹرلسٹ سے منصوبہ بند طریقے پر مسلمانوں کا نام حذف کر دیا جاتا ہے، تاکہ وہ اپنی پسند کے مطابق کسی ایسی پارٹی کو منتخب کریں جو اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچانا مشن رکھتا ہو۔ ووٹ نہ دینا ایسی ذہنیت کو کامیاب کرنا ہے، اس لیے تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ اپنے اہل خانہ سمیت ضرور حق رائے دہی کا استعمال کریں، خواہ اس کے لیے دکان بند کرنی پڑے یا اپنے پیشے کو ایک دن ترک کرنا پڑے اخلاص کے پیش نظر اس میں بھی بے پناہ اجر و ثواب حاصل ہو گا۔ 
لیکن سوال پیدا ہوتا ہے کہ ووٹ کس کو دیا جائے؟ شریعت اس سلسلہ میں کیا رہنمائی کرتی ہے؟ یاد رہے کہ ووٹ چوں کہ ایک طرح کی شہادت ہے، یعنی اس بات کی گواہی ہے کہ جس کو میں ووٹ دے رہا ہوں، وہ فلاں منصب کا اہل ہے، امانتدار ہے، دیانتداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرسکتا ہے۔ ایسے امیدوار جس کے بارے میں آپ کو یقین ہے کہ یہ صالح اور فرض شناس ہے اور اس کی پارٹی بھی معتدل اور بہتر ہے، ایسے شخص کو ووٹ دینا چاہیے، لیکن آپ جانتے ہوئے کسی نااہل کو ووٹ دیں تو یہ جھوٹی گواہی ہے، جس پر بہت سخت وعید آئی ہے، اس میں سفارش اور مشورے کا بھی پہلو پایا جاتا ہے، اس پہلو سے بھی نااہل کو ووٹ دینا جائز نہیں، کیوں کہ غلط سفارش اور غلط مشورہ بھی شرعاً ناجائز ہے۔ یہ بھی ذہن میں رہے کہ جس جرم اور گناہ کے اثرات دوررس ہوں، اسی قدر وہ بھیانک اور سخت ہوتا ہے، غلط ووٹ دینے کے نتائج بھی چوں کہ دوررس ہوتے ہیں کہ اس کا اثر پورے ملک اور قوم پر پڑتا ہے اس لیے جان بوجھ کر نااہل شخص کو ووٹ دینا شدید ترین گناہ ہے، خواہ وہ شخص اپنا رشتہ دار ہی کیوں نہ ہو، اس لیے کہ شریعت نے رشتہ داری کی بنیاد پر جھوٹی گواہی کی اجازت نہیں دی ہے، اسی طرح ووٹ کے عوض پیسہ لینا بھی جائز نہیں، کیوں کہ یہ شہادت ہے اور شہادت پر اجرت لینا درست نہیں، مکرر ووٹ دینا دھوکہ دینا ہے، اسی طرح رائے دہی کی جو عمر متعین ہے اس سے کم عمر لوگوں کا ووٹ دینا بھی جائز نہیں ہے، اسلام اپنا ایک عادلانہ اصول رکھتا ہے، جس پر چلنے ہی میں خیر اور بھلائی ہے۔ 
بعض لوگ یہ بھی سوچتے ہیں کہ لاکھوں ووٹوں کے مقابلہ میں ایک شخص کے ووٹ کی کیا حیثیت ہے، اگر وہ غلط استعمال بھی ہو جائے تو ملک و قوم کے مستقبل پر کیا اثرانداز ہوسکتا ہے؟ یہ سوچ غلط ہے اس لیے کہ غلط ووٹ دینا خود اس کے حق میں گناہ کا موجب ہے، اثرانداز ہونے اور نہ ہونے سے اس کا کوئی تعلق نہیں ۔ اس کے ساتھ یہ بھی واضح ہے کہ کبھی کبھی ایک ووٹ بھی جیت اور ہار کا سبب بن جاتا ہے، اس لیے بہت ہی سوچ کر اپنے حق کا استعمال کرنا چاہیے کہ یہ موقع پانچ سال بعد ہی آسکتا ہے، اپنے فیصلے کے اچھے یا برے نتائج نہ صرف ان کو بلکہ پوری قوم کو بھگتنے پڑیں گے۔ 
ووٹ ایک نعمت اور مؤثر ہتھیار ہے، سارے مسلمان ایک ساتھ منصوبہ بند طریقے پر اگر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں تو مستقبل میں بہتر اور خوشگوار نتائج اس کے مرتب ہوں گے۔ ایسے موقع پر فقہاء کا اصول یہ ہے کہ آدمی کمتر برائی کا انتخاب کرے اور نسبتاً بہتر لوگوں کے حق میں اپنی رائے دے، جن سیاسی جماعتوں نے اعلانیہ اسلام اور مسلمانوں کی مخالفت کو اپنی جماعت کا مقصد بنا لیا ہو ان میں مسلمانوں کی شمولیت جائز نہیں اور ان کے کسی امیدوار کو ووٹ دینا بھی جائز نہیں ہے، خواہ وہ ذاتی طور پر نیک خصلت ہو، اس لیے کہ اس کو ووٹ دینا درحقیقت اس پارٹی کی تائید ہے جس سے وہ وابستہ ہے، تنہا اس کی نیکی جماعت کے مشن کو نہیں بدل سکتی۔ موجودہ سیاسی صورتِ حال مسلمانوں کے موافق نہیں ہے، تقریباً تمام سیاسی پارٹیاں موقع بہ موقع کسی نہ کسی طرح مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کا ایجنڈا رکھتی ہیں، اس لیے الیکشن اور ووٹ کے وقت اپنے ذاتی مفاد کو ملت کے لیے قربان کرتے ہوئے پختہ شعوری سے کام لینا چاہیے، مسلکی، وطنی یا لسانی اختلاف کو ہرگز ایسے وقت آڑ نہ بنایا جائے، ورنہ پھر اگلی میعاد تک اسی کشمکش میں زندگی گذارنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔ علامہ اقبال نے مسلمانوں کو للکارتے ہوئے کہا ہے  : 
وطن کی فکر کر ناداں مصیبت آنے والی ہے
تیری بربادیوں کے مشورے ہیں آسمانوں میں 
٭٭٭




جہد ِ مسلسل اور پائیدار کوشش کامیابی کا ضامن 

کسی قول، فعل، رائے یا فیصلہ پر انتہائی پختگی اور سختی سے قائم رہنا اور کسی بھی صورت میں اس سے نہ ہٹنے کو استقامت کہا جاتا ہے، شریعت کی نظر میں استقامت کی بڑی اہمیت ہے، اللہ کی طرف سے نزول رحمت، خیر و برکت، کامیابی و کامرانی کو ثابت قدمی اور مستقل مزاجی کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے، گویا بہتر زندگی اور انسانی کمال کی یہ اساس اور بنیاد ہے بلکہ اسے بعض حیثیتوں سے انسانی کردار کا جوہر اصلی کہنا چاہیے، اگر کسی کام میں پابندی اور استقلال نہیں ہے تو سمجھ لیجیے کہ کامیابی اور منزل ابھی بہت دور ہے جس کے پانے کے لیے تسلسل کے ساتھ مزید محنت اور تگ و دو کی ضرورت ہے، خلاصہ یہ کہ استقلال کامیابی کا پہلا زینہ ہے، کسی بھی کام کے آغاز سے پہلے مزاج میں استقلال اور دوام کی صفت پیدا کرنا چاہیے، اس لیے کہ دل و دماغ کی آزادی کے ساتھ وقفہ وقفہ سے تھوڑا تھوڑا عمل مفید اور منتج نہیں ہوتا، دنیوی امور میں آپ غور کیجیے تو یہاں بھی ہر شعبۂ  حیات میں یہی اصول نظر آئے گا، تجارت، زراعت، ملازمت یا اور کوئی پیشہ ہو، اس میں جب تک مستقل مزاجی نہیں ہو گی، کامیابی ہاتھ نہیں آسکتی، مثلاً ایک آدمی کرانہ کی دوکان رکھتا ہے، شروع میں تجربہ اور مہارت نہ ہونے کی وجہ سے ممکن ہے کہ خاطر خواہ فائدہ نہ ہو، کچھ ہی دنوں میں اکتا کر اس نے کرانہ کی دکان چھوڑ کر میڈیکل کھول لیا، وہاں بھی تجربہ کی ضرورت ہے، جس کے فقدان کے سبب آمدنی یہاں بھی شروع میں کم ہوئی، اس پر صبر نہیں کرسکا اور تیسرا کام شروع کر دیا، ظاہر ہے کہ اس طرح وہ ہزار کام بھی کرتا اور چھوڑتا رہے، فلاح و کامرانی قریب بھی نہیں آسکتی، جیسے پہلے وہ محتاج تھا، اخیر تک اس کا احتیاج باقی رہے گا، جب تک کسی ایک پیشہ سے ثابت قدمی اور استقلال کے ساتھ وابستہ نہیں رہے گا خوشحالی نصیب نہیں ہوسکتی، بالکل یہی کیفیت علوم و فنون کی ہے، کوئی بھی علم و فن ہو، جب تک اس کے حاصل کرنے میں مکمل تندہی مستقل مزاجی اور ثابت قدمی کے ساتھ لگا نہیں رہے گا، اس میں نہ وہ ماہر ہوسکتا ہے اور نہ ہی اسے مالی منافع اور دنیوی فوائد حاصل ہوسکتے ہیں، دنیا اور دنیا کی تمام چیزیں چند روزہ ہیں، جب ان میں کامیابی و کامرانی اور فوز و صلاح استقامت، پختگی اور ثابت قدمی کے بغیر میسر نہیں آسکتی تو دین اور دینی امور و معاملات میں یقیناً اس کی اہمیت زیادہ ہو گی، کسی بھی عمل کے اللہ کے نزدیک مقبول ہونے، اس پر اللہ کی جانب سے دنیوی و اخروی اجر و ثواب کے لیے استقامت اور پائیداری از حد ضروری ہے، سورہ حم سجدہ آیت ۳۰ میں یہی مضمون بیان کیا گیا ہے، ارشادِ باری ہے: إنَّ الَّذِیْنَ قَالُوْا رَبُّنَا اللّٰہُ ثُمَّ اسْتَقَامُوْا تَتَنَزَّلُ عَلَیْہُمُ الْمَلٰئِکَۃُ اَلَّا تَخَافُوْا وَ لَاتَحْزَنُوْا وَ اَبْشِرُوْا بِالْجَنَّۃِ الَّتِیْ کُنْتُمْ تُوْعَدُوْنَ ’’ بے شک جن لوگوں نے کہا کہ ہمارا پروردگار اللہ ہے، پھر اس پر قائم رہے، ان پر فرشتے اتریں گے کہ تم نہ اندیشہ کرو اور نہ رنج کرو اور خوش ہو جنت کے ملنے پر جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا رہا ہے۔ ‘‘ 
شرک سے بے زاری اور توحید کے اختیار کرنے میں استقامت اختیار کرنے پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے جنت اور دوسری سعادتوں کی خوشخبری دی گئی ہے، ایمان و توحید پر اگر قائم رہا جائے اور حالات جیسے بھی ہوں، ایمان کا سودا نہ کیا جائے، ہمیشہ اللہ کی قدرت و طاقت پر نظر رہے تو پھر اللہ کی رضامندی حاصل ہو گی، قدرت کی جانب سے رحمتوں اور برکتوں کا نزول ہو گا، صحابۂ  کرام میں حضرت بلالؓ کلمہ پڑھنے کے جرم میں گرم ریت پر لٹائے جاتے، پتھر کی بھاری چٹان ان  کے سینہ پر رکھی جاتی، گلے میں رسی باندھ کر زمین میں گھسیٹے جاتے، کفار مکہ کی ایذارسانی اتنی سخت تھی کہ بسا اوقات بے ہوش ہو جاتے مگر جب بھی ہوش آتا زبان پر اَحد اَحد ( اللہ ایک ہے، اللہ ایک ہے) کے الفاظ جاری رہتے، ایمان پر یہی ان کی وہ استقامت تھی کہ اسلام میں ان کو بڑا درجہ حاصل ہوا، حضرت عمر فاروقؓ جیسے جلیل القدر صحابی یا سیدنا (اے ہمارے آقا) کہہ کر مخاطب کرتے تھے، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب معراج سے تشریف لائے تو جنت میں حضرت بلالؓ کی جوتیوں کی آواز کا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تذکرہ کیا۔ (مشکوٰۃ: ۴۷۵) مسجد ِ نبویؐ میں زمانۂ  دراز تک اذان دینے کا شرف حاصل ہوا، مؤذّنِ رسول کا لقب آخرت پر ایمان رکھنے والوں کے لیے غیر معمولی حیثیت رکھتا ہے، یہ تمام سعادتیں حضرت بلالؓ کو سخت سے سخت حالات میں ایمان و توحید پر استقامت اور ثابت قدمی سے حاصل ہوئیں، اگر کفارِ مکہ کی ایذارسانی پر تحمل سے کام نہ لیتے تو شاید یہ رتبہ اور مقام حاصل نہ ہوتا، حضرت خبابؓ بن ارت کو جلتے کوئلے پر چت لٹایا جاتا اور مختلف سزائیں دی جاتیں مگر جس کلمہ طیبہ کا ایک مرتبہ انہوں نے اقرار کر لیا زندگی بھر اسی پر قائم اور ثابت قدم رہے، ایک موقع پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی مصیبتوں کا حال عرض کیا تو آپؐ نے دین حق کے لیے مر مٹنے والوں کے حالات کا تذکرہ فرماتے ہوئے صبر کی تلقین کی۔  ( صحیح بخاری باب علامات النبوۃ فی الاسلام ) 
صحابۂ  کرام رضی اللہ عنہم میں کوئی ایسی مثال نہیں کہ حقیقی معنی میں کلمہ پڑھ لینے کے بعد پھر کسی نے ارتداد اختیار کیا ہو، فراخی ہو یا تنگی، جنگ کے حالات ہوں یا امن کے، رسالت کی تصدیق کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھیوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے قدموں پر جان نچھاور کر دی، دنیا اور دنیا کی تمام چیزوں سے بڑھ کر اسلام ان کو عزیز تھا، رفتہ رفتہ ایمان میں اضافہ اور پختگی پیدا ہوتی جاتی تھی، کبھی کم نہ ہوئی، دور دراز جگہوں پر مشرکین اور دشمنان اسلام سے جہاد کا اعلان کیا جاتا، صحابہ کرام فوراً اٹھ کھڑے ہوتے اور راہ خداوندی میں جان قربان کرنے کے لیے تیار ہو جاتے، صحابہ کے اس اخلاص اور استقلال سے خوش ہو کر اللہ تعالیٰ نے اپنی خوشنودی کا مژدہ سنایا رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمْ وَ رَضُوْا عَنْہُ ’’ اللہ ان سے راضی ہو گیا اور یہ لوگ اللہ سے راضی ہوئے۔ ‘‘ خود نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب رسالت کا اعلان کیا تو عرب کا گرم ریگستان مخالفت اور غیظ و غضب میں بھڑک اٹھا، مکہ کی سرزمین آپ پر تنگ کر دی گئی، مگر اللہ تعالیٰ کی طرف سے فَادْعُ وَاسْتَقِمْ ’’ اللہ کی طرف بلایئے اور ثابت قدم رہیے ‘‘ کا حکم دیا گیا، طائف اور مکہ کے حوصلہ شکن حالات میں مسلسل آپ صلی اللہ علیہ وسلم دعوت کا فریضہ انجام دیتے رہے، استقامت اور استقلال میں کبھی تزلزل پیدا نہ ہوا، آخر ایک وہ وقت آیا کہ اسلام کا جھنڈا ہر طرف لہرایا جانے لگا آپ کا مشن نہ صرف کامیاب ہوا بلکہ قیامت تک کے لیے اس کی جڑیں مضبوط ہو گئیں ۔ 
ایمان و توحید اور فرائض و واجبات میں استقامت تو ضروری ہے ہی، نفل اعمال میں بھی اس کی بڑی اہمیت ہے، احادیث میں مختلف پیرایے سے اس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ جو نیک کام شروع کیا جائے اس کو اخیر تک نباہنے کی کوشش کی جائے، اس لیے کہ اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ پسندیدہ وہ عمل ہے جس پر مداومت اور ہمیشگی کی جائے، جیسا کہ حضرت عائشہؓ نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد نقل کیا ہے اَحَبُّ الْاَعْمَالِ إلَی اللّٰہِ اَدْوَمُہَا وَ اِنْ قَلَّ یعنی خدا کے نزدیک سب سے محبوب وہ عمل ہے جو ہمیشہ کیا جائے اگرچہ وہ تھوڑا ہی کیوں نہ ہو۔  ( مشکوٰۃ، صفحہ :۱۱۰) اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ نفل عبادت کی جس مقدار پر ہمیشگی ہو سکے اور جتنے پر پابندی سے عمل ہوسکے اتنا ہی اختیار کرنا چاہیے، قرآن کی تلاوت دو ہی رکوع کرے مگر روزانہ بلاناغہ کرے، یہ بہتر طریقہ نہیں ہے کہ کسی دن دل میں آیا دس پارے پڑھ لیے اور پھر دس پندرہ روز تک تلاوت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، اسی طرح ایک آدمی کسی خاص زمانہ میں اور مخصوص حالات میں تو اعلی درجہ کی داد و دہش کا مظاہرہ کرتا ہے، ڈھونڈ ڈھونڈ کر ضرورت مندوں، محتاجوں اور غریبوں کی خوب مالی امداد کرتا ہے لیکن جوں ہی وہ مخصوص صورت حال بدل جاتی ہے، اس کی وہ تمام داد و دہش یکسر ختم ہو جاتی ہے، ایسی سخاوت اسلام میں مطلوب ہے اور نہ ہی مفید، اس لیے آغاز سے قبل انجام پر نظر رکھنے اور غور و فکر کی ہدایت دی گئی ہے، نماز بلاشبہ بہترین عبادت ہے مگر اس میں بھی نفل کی وہی مقدار اختیار کی جائے جس کو اخیر تک نباہ سکے، وہ شخص جو وقتی جذبات کے تحت تہو جد، اوّابین، چاشت، اشراق اور دوسری نمازیں پڑھتا ہے اور پھر کچھ دنوں کے بعد تمام نفل نمازیں چھوڑ بیٹھتا ہے، تو اس سے بہتر وہ بندہ ہے جو دو ہی رکعت نماز نفل پڑھے مگر پابندی اور استقلال کے ساتھ ادا کرے، اس لیے کہ مداومت کے ساتھ انجام دیا ہوا عمل اللہ کی رحمت کو متوجہ کرنے کا باعث اور خیر و برکت کا ذریعہ ہوتا ہے۔
احکامِ اسلام کے رموز و اسرار کے سب سے بڑے عالم حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ حدیث مذکور کے ذیل میں لکھتے ہیں ’’ مداومت والا عمل اللہ تعالیٰ کو دو وجہ سے زیادہ پسند ہے، پہلی وجہ یہ ہے کہ مداومت رغبت کی علامت ہے، جس کام کی رغبت ہوتی ہے اس کو آدمی ہمیشہ کرتا ہے اور رغبت سے کی ہوئی عبادتیں اللہ تعالیٰ کو بہت پسند ہیں چاہے تھوڑے ہوں، اور رغبت سے اعتدال کے ساتھ ہی عبادتیں کی جا سکتی ہیں کیوں کہ بے اعتدالی اور غلو کا لازمی نتیجہ سیری اور بے رغبتی ہے۔  
دوسری وجہ : نفس عبادت کا اثر اس وقت قبول کرتا ہے اور عبادت کا فائدہ اس وقت جذب کرتا ہے جب اس کو عرصہ تک مسلسل کیا جائے اور دل اس پر مطمئن ہو جائے اور کوئی ایسا وقت ہاتھ آ جائے جب دل فارغ ہو، ایسا فارغ جیسا خواب میں فارغ ہوتا ہے جب کہ ملا اعلی کی طرف سے علوم کا فیضان ہوتا ہے اور اس کا کوئی اندازہ مقرر نہیں ہے کہ یہ باتیں کتنے عرصہ میں حاصل ہوں گی ؟ پس ان کی تحصیل کا ایک ہی راستہ ہے کہ عمل مسلسل کیا جائے، انشاء اللہ کبھی نہ کبھی وہ دن ضرور آئے گا کہ مقصد بر آئے۔ ‘‘ ( رحمۃ اللہ الواسعہ ۳/۲۴۵) 
مثل مشہور ہے ’’ قطرہ قطرہ دریا شود ‘‘ قطرہ قطرہ سے مل کر دریا بنتا ہے، یعنی ایک چھوٹا سا عمل ہے، اسے اگر روزانہ کیا جائے تو ایک وقت اس کا بہت بڑا فائدہ حاصل ہو گا، تسلسل کے ساتھ کیا ہوا یہ چھوٹا عمل اگرچہ بظاہر چھوٹا نظر آ رہا ہے لیکن اس کا اثر اس بڑے عمل سے بھی زیادہ ہے جسے کچھ دن کیا جائے اور چھوڑ دیا جائے، استقلال انسانی اخلاق کا کمال ہے، انسان کے اخلاق کی خوبیوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ وہ جو اچھا کام کرے اس پر پوری طرح جم جائے اور اسے ہمیشہ کرتا رہے، اکثر لوگوں میں یہ کمزوری رہتی ہے کہ وہ ایک کام شروع کرتے ہیں، کچھ دن اس پر عمل کرتے ہیں اور پھر اسے چھوڑ بیٹھتے ہیں، یہ ایک قسم کی اخلاقی کمزوری کی علامت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے تمام کاموں میں بڑی شدت کے ساتھ اس اصول کی پابندی فرماتے تھے کہ جو اچھا کام ایک بار شروع کر دیئے وہ ہمیشہ کرتے رہے، ہمیشہ اور پابندی سے کام کرنے کے لیے ضروری ہے کہ شروع میں اتنا ہی اپنائے جتنا بآسانی کرسکتا ہو، نفس پر بوجھ نہ پڑے، آہستہ آہستہ جب وہ عادت بن جائے اور یقین ہو جائے کہ وہ اس پر مکمل قابو پاچکا ہے، اب اس میں تھوڑا اضافہ کرے پھر اس پر عمل کرتا رہے جیسے نفل نمازوں میں دو رکعت نماز پہلے کسی خاص وقت پڑھنے کی عادت ڈالے، تسلسل کے ساتھ پڑھتا رہے، جب دو رکعت نماز پر مکمل قدرت ہو جائے تو پھر مزید دو کا اضافہ کیا جائے اور پھر چار رکعتوں پر تسلسل اور دوام اختیار کرنا چاہیے، اس حکمت عملی سے انسانی طبیعت کام کا خوگر بن جاتی ہے اور سلسلہ ٹوٹنے کا امکان کم رہتا ہے لیکن اگر شروع سے ہی ذوق و شوق میں کثرت عمل کا پابند کر لیا جائے تو وہ عمل دیر پا نہیں ہوتا، بہت جلد طبیعت اکتاہٹ محسوس کرنے لگتی ہے اور پھر سلسلہ ختم ہو جاتا ہے، واضح رہے کہ یہ حکمت عملی صرف نفل اور استحبابی عمل کے لیے ہے، فرائض اور واجبات میں تو ہر حال میں پابندی لازمی ہے اور ابتدا سے شریعت کا متعین کردہ نصاب کی تکمیل ضروری ہے، قدرت کی جانب سے فرائض و واجبات میں پہلے سے ہی تخفیف کر دی گئی ہے جس پر عمل کرنا مشکل نہیں ۔ 
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : اتنے اعمال اپناؤ جن پر ہمیشہ عمل کرنے کی طاقت ہو، بے شک اللہ تعالیٰ تنگ نہیں ہوتے یہاں تک کہ تم تنگ ہو جاؤ۔ ( مشکوٰۃ صفحہ : ۱۱۰) یعنی طاقت سے بڑھ کر کسی کام کا التزام اس کو ہمیشہ کے لیے ترک کرنے کا باعث بن جاتا ہے، اس لیے کہ وسعت سے زیادہ کام ملال اور فتور کا سبب ہوتا ہے، کچھ دنوں میں آدمی تھک جاتا ہے اور عمل چھوڑ بیٹھتا ہے تو اس کا ثواب ختم ہو جاتا ہے اور جو حسب ِ طاقت عمل اپناتا ہے وہ مسلسل جاری رہتا ہے اور اگرچہ بظاہر تھوڑا ہو اس کا ثواب برابر ملتا رہتا ہے اور انجام کار کے اعتبار سے وہ ثواب بہت ہو جاتا ہے، اس لیے شروع میں جتنا بآسانی ہوسکے، سوچ سمجھ کر اور غور و فکر کے بعد مقدار کا تعین کرنا چاہیے۔ ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عبداللہ بن عمرو العاص رضی اللہ عنہ سے فرمایا کہ مجھے یہ اطلاع ملی ہے کہ روزانہ تم دن کو روزے رکھتے ہو اور رات بھر قیام کرتے ہو یعنی نماز پڑھتے ہو، انہوں نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ ! آپ کو یہ خبر صحیح ملی ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : تم ایسا مت کرو بلکہ کچھ دن روزے رکھو، کچھ دن افطار کرو، رات کا کچھ حصہ آرام کرو اور کچھ حصہ نماز پڑھو، اس کے بعد فرمایا: یقیناً تمہارے جسم کا تمہارے اوپر حق ہے اور بلاشبہ تمہاری آنکھوں کا بھی تمہارے اوپر حق ہے اور بلاشبہ تمہارے آنے والے مہمانوں کا بھی تمہارے اوپر حق ہے، ہمیشہ دن کو روزہ رکھنے اور رات بھر قیام کرنے کی صورت میں ان سب کے حقوق تلف ہوں گے، پھر فرمایا : بلاشبہ تمہارے لیے اتنا کافی ہے کہ تم ہر مہینہ میں تین روزے رکھ لیا کرو، مہینہ بھر کے روزوں کا ثواب مل جائے گا، اس لیے کہ ایک عمل کا دس گنا ثواب ملتا ہے، حضرت عبد اللہ بن عمرو العاص کہتے ہیں کہ میں نے خود ہی سختی کو اختیار کیا چنانچہ مجھ پر سختی ہو گئی، میں نے عرض کیا یا رسول اللہ! میں تو اپنے اندر اس سے زیادہ روزہ رکھنے کی طاقت پاتا ہوں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تو پھر تم اللہ کے نبی داؤد علیہ السلام کے روزے رکھو یعنی ایک دن روزہ ایک دن افطار، حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ بوڑھے ہو جانے کے بعد اپنے فعل پر افسوس کا اظہار کرتے کہ کاش ! مہینہ میں تین روزہ رکھنے کے مشورہ پر عمل کر لیتا تو یہ مجھے اپنے اہل و عیال اور مال سے بھی زیادہ محبوب ہوتا۔  ( ریاض الصالحین مترجم: ۵۲۷) حضرت عبد اللہ بن عمروؓ نے ناقابل برداشت عمل کو اختیار کرنے پر اصرار کیا اور ناعاقبت اندیشی میں ابتدا کی باتوں کو نہ مانا، اس لیے وہ پوری عمر پچھتاتے رہے کہ میں رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے مسنون و معتدل طرز عمل کو اختیار کر لیتا تو وہ میرے لیے زیادہ بہتر ہوتا۔  اعتدال اور استقامت میں گہرا ربط ہے، جب کوئی کام اعتدال و توازن سے کیا جاتا ہے تو اس میں تسلسل باقی رہتا ہے، وہ نفس کے لیے گراں نہیں بنتا، افراط و تفریط دین و دنیا دونوں کے لیے نقصان دہ ہے، اس لیے شریعت نے درمیانہ روی کی تعلیم دی ہے تاکہ یکسانیت کے ساتھ کام کا سلسلہ جاری رہے، تھوڑے کام سے چستی اور نشاط باقی رہتا ہے اور عبادت میں یہی مطلوب بھی ہے، اسی لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : جب تم میں سے کسی کو اونگھ آنے لگے اور وہ نماز پڑھ رہا ہو تو چاہیے کہ سوجائے یہاں تک کہ نیند پوری ہو جائے کیوں کہ جب کوئی اونگھتے ہوئے نماز پڑھتا ہے تو نہیں جانتا کہ شاید وہ مغفرت طلب کرے پس اپنے لیے بد دعا کرنے لگے۔  ( مشکوٰۃ صفحہ : ۱۱۱)
انسان پر جب نیند کا غلبہ ہو جاتا ہے تو زبان پر قدرت کھو بیٹھتا ہے، پھر زبان سے کیا نکل رہا ہے اسے کچھ معلوم نہیں ہوتا، اس سے نہ صرف خشوع و خضوع متاثر ہوتا ہے بلکہ اللہ کی طرف سے توجہ مکمل ہٹ جاتی ہے اور نفع و نقصان سے بھی غافل ہو جاتا ہے، یہی حال ہر تھک جانے والے عمل میں ہوتا ہے، اس لیے جب تک نشاط باقی رہے، اس وقت تک نماز پڑھنے کا حکم دیا گیا ہے، جس نماز میں دل و دماغ ہمہ تن اللہ کی طرف متوجہ رہے اس سے زبردست روحانی قوت و طاقت، کیف و سرور اور سکون و اطمینان حاصل ہوتا ہے خواہ وہ دو ہی رکعت کیوں نہ ہو، اسی لیے کہا جاتا ہے کہ کبھی کبھی ایک سجدہ بھی انسان کی تقدیر کو بدل دیتا ہے لیکن شرط ہے اخلاص، خوف خدا اور صحیح رغبت کہ اس کے بغیر اللہ کے نزدیک کوئی عمل مقبول نہیں ہے۔  
اس پہلو پر بھی نظر رہے کہ نفل عبادت میں مشغول ہونے کے سبب فرائض اور واجبات میں کوتاہی درست نہیں ہے، اس لیے نفل عبادت اتنی ہی انجام دینی چاہیے کہ فرائض متاثر نہ ہوں ۔  سلیمان نامی ایک صحابی روزانہ فجر کی نماز جماعت کے ساتھ پڑھا کرتے تھے، ایک دن وہ نماز میں نہیں آئے، اتفاق سے سویرے حضرت عمر فاروقؓ کا ان کے مکان سے گذر ہوا، انہوں نے ان کی والدہ سے نماز میں نہ آنے کی وجہ دریافت کی، ان کی والدہ نے بتلایا کہ وہ ساری رات نماز پڑھتے رہے تھے، آخر شب آنکھ لگ گئی اور سوگئے، حضرت عمرؓ نے فرمایا : میں تو صبح کی نماز با جماعت پڑھنے کو ساری رات نماز پڑھنے سے زیادہ پسند کرتا ہوں ۔  ( شرح ریاض الصالحین صفحہ : ۴۶۲ ) 
بے اعتدالی اور غلو ہر جگہ نقصان دہ ہے، اس لیے عبادت اور ذکر و اذکار میں بھی اس بات کی خاص طور پر تاکید کی گئی ہے کہ اتنا اختیار کیا جائے جو نفس کے لیے بوجھ نہ بنے، فرائض اور واجبات کی مکمل پابندی کے ساتھ اسے انجام دے سکے اور ہمیشہ پابندی کرتا رہے، جس کو استقامت اور استقلال کہا جاتا ہے، جو زندگی کے ہر شعبہ میں درکار ہے، مستقل مزاجی سے انسان دین اور دنیا دونوں جگہ آگے بڑھتا اور کامیاب ہوتا ہے، تاریخ میں جتنے بھی قابل رشک افراد ملیں گے ان کی زندگی میں مستقل مزاجی آپ کو ضرور ملے گی۔                   
٭٭٭




اسلام کا رشتہ سب سے مضبوط رشتہ ہے 


اسلام کی آمد سے قبل لوگ مختلف قبیلوں، خاندانوں اور گھروں میں بٹے ہوئے تھے، ہر قبیلہ اور ہر خاندان اپنے قبیلے اور خاندان کے لوگوں کو ’’اپنا‘‘ تصور کرتے تھے، ان کی نظر میں دوسرے قبیلے کے افراد ’’بیگانے‘‘ تھے، یہی وجہ ہے کہ جب بھی کسی قبیلے کے ایک فرد کا دوسرے قبیلے کے کسی شخص سے جھگڑا ہوتا تو دونوں طرف سے تمام قبیلے والے اٹھ کھڑے ہوتے اور جب تک بدلہ نہ لیتے، چین سے نہیں بیٹھتے تھے، گویا قبائل عرب میں نسلی اور نسبی رشتوں کو مرکز ِ وحدت سمجھا گیا، قریش ایک قوم اور بنو تمیم دوسری قوم سمجھی جاتی تھی اور کہیں رنگ کا امتیاز اس وحدت کا مرکز بن رہا تھا کہ کالے لوگ ایک قوم اور گورے دوسری قوم سمجھے جاتے، کہیں وطنی اور لسانی وحدت کو مرکز ِ اتحاد بنایا گیا تھا اور کہیں آبائی رسم و رواج کو اپنائیت اور اتحاد کا اصل اور معیار قرار دیا گیا تھا، لیکن جب اسلام آیا تو اس نے رنگ و نسل، زبان و وطن، خاندان اور دوسرے امتیازی نشانات کو مٹا دیا۔ اب امتیاز کی علامت اسلام تھا، یعنی ایک گروہ وہ جو اسلام کو ماننے والا تھا اور دوسرا وہ جو اس کا منکر تھا۔ اسلام کی آمد کے بعد اسلام اور کفر کو اتحاد کا معیار قرار دیا گیا، یعنی جو لوگ توحید پرست ہیں وہ سب آپس میں بھائی بھائی ہیں، خواہ ان کا تعلق کسی بھی نسل کسی بھی قوم اور زبان سے ہو اور جنہوں نے وحدانیت و رسالت کا اقرار نہیں کیا، وہ غیر ہیں، خواہ وہ خاندانی اور نسلی اعتبار سے حقیقی بھائی ہی کیوں نہ ہوں ۔ حضرت بلال رضی اللہ عنہ جو پہلے غلام اور حبشہ کے رہنے والے تھے، اللہ تعالیٰ نے اسلام کے سبب انہیں وہ عزت عطا فرمائی کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ جیسی عظیم شخصیت انہیں یا سیدنا (اے ہمارے آقا) کے لفظ سے خطاب کرتے اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب معراج سے تشریف لائے تو ان سے فرمایا کہ میں نے جنت میں تمہارے قدموں کی آواز سنی ہے۔ (مشکوٰۃ: ۵۷۴) 
حضرت صہیب رضی اللہ عنہ ملک ِ روم سے تشریف لائے تھے، لیکن جب اسلام سے وابستہ ہو گئے تو انہوں نے بڑا اونچا مقام پایا۔ ایران کے رہنے والے حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ کے بارے میں آپؐ نے ارشاد فرمایا: سلمان منّا اہل البیت یعنی سلمان فارسی ہمارے گھر والوں میں شامل ہیں ۔ یہ اور اس طرح کی بے شمار مثالیں ہیں جن سے واضح ہوتا ہے کہ اسلام نے رنگ و نسل اور زبان و وطن کے بتوں کو توڑ دیا اور تمام رشتوں سے اسلام کو سب سے مضبوط رشتہ قرار دیا۔ یہی وجہ ہے کہ سچے دل سے اسلام کے بعد شریعت ِ اسلامی نے عربی، فارسی، ترکی، ہندی اور دیگر قوموں کو ایک رشتے سے جوڑ دیا اور سب کو إنّما المؤمنون إخوۃ (تمام مسلمان بھائی بھائی ہیں ) کہہ کر ایک دوسرے کے تئیں ہمدردی، محبت اور حسن سلوک کی تاکید کی۔ اس کے برعکس ابولہب کے احوال دیکھئے، وہ نہ صرف عربی النسل اور قریش ہے بلکہ خاندانِ نبوت سے اس کا گہرا رشتہ ہے، پھر بھی قرآن کریم میں اس پر لعنت نازل ہوئی اور اللہ کی نظر میں اسے ناپسندیدہ اور ملعون قرار دیا گیا، اس لیے کہ کفر ایسی ناپاک شئے ہے جس سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ 
قرآن نے مؤمنین کی صفت یہ بیان کی ہے کہ وہ لوگ جو کافر اور مشرک ہیں ان سے یہ دوستی اور تعلق نہیں رکھتے، خواہ وہ ان کے والدین، حقیقی بھائی بہن اور رشتہ دار ہی کیوں نہ ہوں، اس لیے کہ اسلام کا رشتہ، خون کے رشتے سے بھی زیادہ مضبوط اور مستحکم ہے۔ ارشاد ہے: 
’’لَاتَجِدُ قَوْمًا یُّؤْمِنُوْنَ بِاللّٰہِ وَ الْیَوْمِ الْآخِرِ یُوَادُّوْنَ مَنْ حَادَّ اللّٰہَ وَ رَسُوْلَہٗ وَ لَوْ کَانُوْا آبَائَ ہُمْ اوْ ابْنَائَہُمْ اوْ إخْوَانَہُمْ اوْ عَشِیْرَتَہُمْ۔ (سورہ المجادلۃ، آیت : ۲۲) ’’جو لوگ اللہ اور یومِ آخرت پر ایمان رکھتے ہیں، آپ انہیں نہ پائیں گے کہ وہ ایسوں سے دوستی رکھیں جو اللہ اور اس کے پیغمبر کے مخالف ہیں، خواہ وہ لوگ ان کے باپ یا ان کے بیٹے یا ان کے کنبے والے ہی کیوں نہ ہوں ۔‘‘ 
یہی مضمون سورہ آلِ عمران آیت ۲۸ اور سورہ ممتحنہ کی ابتدائی آیات میں بیان کیا گیا ہے، صحابۂ  کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کے بیشتر ایسے واقعات ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ جہاں اسلام اور کفر کی بات آ گئی ان لوگوں نے ہمیشہ اسلام کا ساتھ دیا، اسلام کے رشتے کو فوقیت دی اور کفر سے بیزاری اختیار کی، خواہ وہ اپنے گھر اور خاندان کا ہی مسئلہ کیوں نہ ہو، جیسے غزوۂ  بنی مصطلق ۵  ھ؁ میں سفر سے واپسی میں عبداللہ بن اُبی جو منافقین کا سردار تھا، اس کی زبان سے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں یہ جملہ نکل گیا کہ ’’ہم مدینہ جب لوٹ کر جائیں گے تو عزت والا وہاں سے بے عزت لوگوں کو نکال باہر کرے گا‘‘ عزت والے سے مراد اس نے اپنے آپ کو اور منافقین کے گروہ کو لیا تھا اور بے عزت سے مراد (نعوذ باللہ) رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ اقدسؐ اور صحابۂ  کرامؓ کو لیا تھا۔ شانِ رسالت میں یہ بڑی گستاخی تھی، اس لیے حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے تجویز پیش کی کہ اس کا سرقلم کر دیا جائے۔ یہ خبر عبداللہ بن اُبی کے بیٹے کو پہنچی، جن کا نام بھی عبداللہ تھا اور یہ پکے مسلمان تھے۔ یہ فوراً آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ اگر آپ کا ارادہ میرے باپ کو اس کی اس گفتگو کے نتیجے میں قتل کرنے کا ہے تو آپ مجھے حکم دیجیے میں اپنے باپ کا سر کاٹ کر آپ کی خدمت میں اس سے پہلے کہ آپؐ اپنی مجلس سے اٹھیں پیش کر دوں گا، اس لیے کہ مجھے اللہ اور اس کے رسولؐ کے خلاف ان کی کوئی چیز برداشت نہیں ہوسکتی۔ آپؐ نے فرمایا: نہ میرا ارادہ اس کے قتل کا ہے نہ میں نے کسی کو اس کا حکم دیا ہے۔ 
ایک روایت میں ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ طیبہ کے قریب وادئ عتیق میں پہنچے تو عبداللہ بن اُبی منافق کے مؤمن صاحبزادے حضرت عبداللہ آگے بڑھے اور تمام سواریوں میں تلاش کرتے ہوئے اپنے باپ کی سواری کے قریب پہنچ کر باپ کی اونٹنی کو بٹھا دیا اور اس کے گھٹنے پر پاؤں رکھ کر باپ سے خطاب کیا کہ خدا کی قسم! تم مدینہ میں داخل نہیں ہوسکو گے جب تک رسول اللہ صلی اللہ وسلم تمہیں داخل ہونے کی اجازت نہ دیں اور جب تک تم یہ بات واضح نہ کرو کہ تم نے جو بات کہی ہے کہ عزت والا ذلت والے کو نکال دے گا، اس میں عزت والا کون ہے؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یا تم؟ کچھ دیر کے بعد جب آپؐ کا وہاں سے گذر ہوا تو دیکھا کہ عبداللہ ابن اُبی منافق، اپنے بیٹے سے مجبور ہو کر یہ کہہ رہا ہے کہ میں تو بچوں اور عورتوں سے بھی زیادہ ذلیل ہوں ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ سن کر صاحبزادے سے کہا کہ ان کا راستہ چھوڑ دو، مدینہ جانے دو، تب بیٹے نے راستہ چھوڑا۔ 
باپ سے کس بیٹے کو محبت نہیں ہوتی، عبداللہ بن اُبی کے مؤمن صاحبزادے کو بھی اپنے باپ سے کافی محبت تھی، بالخصوص اس لیے کہ وہ صحابی تھے اور ایک صحابی کو والدین کے مراتب اور درجات سے مکمل واقفیت ہوتی ہے، لیکن جب ان کی زبان سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک شان میں گستاخانہ کلمہ سنا تو وہ برداشت نہیں کرسکے، اس لیے کہ آپؐ کی عظمت و محبت پر تمام محبتیں قربان ہیں اور اسلام کا رشتہ خاندانی اور خون کے رشتے سے بھی زیادہ مضبوط و مستحکم ہے، جب دونوں رشتے آپس میں ٹکرا جائیں تو اسلام کے رشتے کو اختیار کیا جائے گا، کیوں کہ یہی ایمان و عقائد کا خلاصہ ہے۔ 
حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے والد نے ایک موقع پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں کچھ گستاخانہ کلمہ کہہ دیا تو حضرت ابوبکرؓ جو بہت ہی رحم دل انسان تھے، تحمل نہ کرسکے، ان کو غصہ آ گیا اور زور سے ایک طمانچہ رسید کیا، جس سے ابوقحافہ گر پڑے۔ آپؐ کو اس کی اطلاع ملی تو فرمایا: آئندہ ایسا نہ کرنا۔ حضرت ابوعبیدہ بن جراح رضی اللہ عنہ کے والد جراح، غزوۂ  احد میں کفار کے ساتھ مسلمانوں کے مقابلے کے لیے آئے تو میدانِ جہاد میں وہ بار بار حضرت ابوعبیدہ کے سامنے آتے، وہ ان کے درپے تھے، یہ سامنے سے ہٹ جاتے، جب انہوں نے مسلسل یہ صورت اختیار کی تو ابوعبیدہ نے اپنے باپ کو قتل کر دیا۔ حضرت مصعب بن عمیر رضی اللہ عنہ نے خود اپنے بھائی عبید بن عمیر کو اُحد کے دن اپنے ہاتھ سے قتل کیا تھا۔ اس طرح کے کتنے ایسے واقعات ہیں کہ مسلمانوں نے خود اپنے ہاتھوں سے اپنے ہی کافر رشتہ داروں کو قتل کیا ہے، کیوں کہ اسلام کا رشتہ اصل رشتہ ہے، جس پر دنیا کے تمام رشتے قربان ہیں ۔ (قرطبی: ۱۸/۱۹۹) 
ابوسفیان ایک مرتبہ حالت ِ کفر میں اپنی بیٹی امّ المؤمنین حضرت امّ حبیبہ رضی اللہ عنہا سے ملنے کے لیے مدینہ آئے، اپنی بیٹی کے گھر پہنچ کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بستر پر بیٹھنا چاہا، حضرت امّ حبیبہؓ نے بستر لپیٹ دیا، یہ دیکھ کر ابوسفیان نے پوچھا: کیا بات ہے؟ کیا تم نے مجھے اس بستر کے قابل نہیں سمجھا یا تم اس بستر کو میرے لائق نہیں سمجھتی؟ حضرت امّ حبیبہؓ نے فرمایا کہ یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا مبارک بستر ہے، جب کہ آپ مشرک ہیں، مجھے یہ گوارا نہیں کہ آپ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بستر پر بیٹھیں ۔ ابوسفیان نے کہا: بیٹی میرا ساتھ چھوٹنے کے بعد تمہارے اندر بگاڑ آ گیا ہے۔ (ابن ہشام: ۲/۳۹۶) 
حضرت اسماء بنت ِ ابی بکر صدیق رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ ان کی والدہ بحالت ِ کفر مکہ مکرمہ سے مدینہ طیبہ آئیں اور اپنی بیٹی اسماء کے لیے کچھ تحفے ساتھ لائی تھیں، حضرت اسمائؓ نے ان کا تحفہ قبول کرنے سے انکار کر دیا، بلکہ اپنے گھر میں داخل ہونے کی بھی اجازت نہیں دی، یہاں تک کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے معاملہ بیان کیا تو آپؐ نے فرمایا کہ اپنی والدہ کے ساتھ صلہ رحمی کرو، اس کے بعد انہوں نے اپنی والدہ کو اندر آنے کی اجازت دی۔ (صحیح بخاری) واضح رہے کہ امّ المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا، حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کی دوسری بیوی امّ رومان کے بطن سے تھیں اور یہ مسلمان ہو گئی تھیں ۔ 
مذکورہ دونوں واقعات سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ مردوں کی طرح عورتوں اور صحابیات میں بھی یہی جذبہ کارفرما تھا کہ اسلام کا رشتہ سب سے بڑا رشتہ ہے، جس نے اسلام قبول کر لیا درحقیقت وہی بھائی اور بہن کہلانے کے لائق ہے اور جس نے کفر کو اختیار کیا وہ اس قابل نہیں کہ اس کی عزت و تکریم کی جائے، غرض اسلام نے تمام بنی نوعِ انسان کو صرف دو حصوں میں تقسیم کیا ہے، ایک مسلمان اور دوسرے مشرک اور کافر۔ اس کے علاوہ خاندانی، وطنی، علاقائی، لسانی اور دوسری دیواریں منہدم کر دی گئیں، محض خاندان، وطن یا زبان اس قابل نہیں کہ اسے عزت و امتیاز اور تشخص کی علامت قرار دیا جائے، اگر کوئی اسے نصرت و تعاون کی بنیاد قرار دیتا ہے تو وہ غلط راہ پر ہے، جس کی اسلام میں گنجائش نہیں، وطنی یا نسبی قومیت کی بنیاد پر تعاون و تناصر جاہلیت کا طریقہ ہے، اس کے ترک کا حکم دیا گیا ہے۔ 
ایک غزوہ میں مسلمانوں کا لشکر ایک پانی کے چشمے کے اردگرد جمع تھا، کسی بات پر ایک مہاجر اور ایک انصاری میں جھگڑا ہو گیا، مہاجر نے مہاجرین کو یا للمہاجرین اور انصاری نے انصار صحابہ کو یا للانصار کہہ کر پکارا، دونوں کی مدد کے لیے کچھ افراد پہنچ گئے اور قریب تھا کہ مسلمانوں کے درمیان فتنہ کھڑا ہو جائے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جب اس کا علم ہوا تو فوراً موقع پر تشریف لے گئے اور سخت ناراضگی کے ساتھ فرمایا: ابدعوی الجاہلیۃ و انا بین اظہرکم ’’میری موجودگی میں تم لوگ جاہلیت کا نعرہ لگاتے ہو اور فرمایا: دعوہا فإنہا منتنۃ۔ ’’اس نعرے کو چھوڑ دو، یہ بدبو دار نعرہ ہے۔‘‘ (صحیح مسلم) 
یہ ایک حقیقت ہے کہ شریعت، مہذب اور شریفانہ القاب بہرطور پسند کرتی ہے اور ہر طرح اس کی حوصلہ افزائی کرتی ہے، لیکن جب ان القاب پر عصبیت کی گہری چھاپ پڑجاتی ہے اور ان لفاظ و القاب کو غلط مقصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے تو ان کا استعمال ناجائز اور ترک واجب ہو جاتا ہے۔ انصار اور مہاجر کا لفظ حقیقت اور معنی کے اظہار کے لیے ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انصار اور مہاجرین کے لیے ان کی خصوصیات میں الگ الگ جملے بھی ارشاد فرمائے ہیں، مگر ان جملوں کے استعمال میں عصبیت کی راہ دینا غلط تھا، اس لیے آپؐ نے اس طرح کی نعرہ بازی سے منع فرمایا۔ زمانۂ  جاہلیت میں حسب و نسب اور خاندان و قبیلہ کی بنیاد پر تعاون کا سلسلہ جاری تھا، جس کو عصبیت کہا جاتا ہے۔ جو شخص متعصب ہوتا ہے اس کے پیش نظر یہ بات نہیں ہوتی کہ کون حق پر ہے اور کون ناحق ہے، بلکہ اپنی خاندانی، وطنی محبت کو بنیاد بناتے ہوئے اپنے تعاون کا اسے مستحق سمجھتا ہے اور اس کا ہر اعتبار سے مدد کرنے کو لازم سمجھتا ہے، جیسا کہ ایک صحابی نے عصبیت کے بارے میں سوال کیا تو آپؐ نے فرمایا کہ عصبیت یہ ہے کہ تم ظلم پر اپنی قوم و جماعت کی حمایت کرو۔ اس کی مذمت بیان کرتے ہوئے آپؐ نے دوسرے موقع پر ارشاد فرمایا: ’’وہ ہم میں سے نہیں ہے جو عصبیت کی دعوت دے، نہ وہ شخص ہم میں سے ہے جو عصبیت کے سبب جنگ کرے، اسی طرح وہ شخص بھی ہم میں سے نہیں ہے جو عصبیت کی حالت میں مر جائے۔‘‘ 
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے آخری خطبۂ  حجۃ الوداع میں اعلان فرمایا کہ جاہلیت کی سب رسمیں میرے قدموں کے نیچے مسل دی گئی ہیں، اب عربی عجمی، کالے گورے، ملکی غیرملکی کے امتیازات کے بت ٹوٹ چکے ہیں، باہمی تعاون و تناصر کی اسلامی بنیاد صرف حق و انصاف ہے، جس کے تابع سب کو چلنا ہے۔ یہی اخوتِ اسلامی ہے، جس نے عرب و عجم، کالے اور گورے، دولت مند اور غریب، مرد و عورت، بڑے اور چھوٹے مختلف بولیوں کے بولنے والے اور الگ الگ تہذیبی و تمدنی شناخت رکھنے والے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ایک کلمہ پر جمع کر رکھا ہے، جس کو ختم کرنے اور توڑنے کی آج مختلف جہات سے کوششیں کی جا رہی ہیں اور مخالف طاقتیں بہت حد تک اس میں کامیاب نظر  آ رہی ہیں، مسلمانوں میں کہیں وطنی اور لسانی تعصب ہے تو کہیں ملکی اور خاندانی عصبیت نے راہ پالی ہے، جس کے سبب مسلمانوں کی قوتیں منتشر ہو گئی ہیں، مختلف گروہوں اور جماعتوں میں منقسم ہو کر اسلام کا اتحاد بکھر گیا ہے اور اہل توحید خانہ جنگی کے شکار ہو گئے ہیں، جس سے باطل طاقتوں کو مزید اپنے حربے استعمال کرنے کا موقع حاصل ہو رہا ہے، اس لیے ضرورت ہے کہ تمام مسلمان ذاتی، خاندانی اور ملکی رنجش سے بالاتر ہو کر سوچیں اور اس بات کو عام کریں کہ اسلام کا رشتہ سب سے مضبوط رشتہ ہے، کوئی مسلمان خواہ کسی ریاست کسی ملک یا کسی بھی زبان و خاندان اور ملک سے وابستہ ہو، وہ ہماری ہمدردی اور غمخواری کا مستحق ہے، اس کے ساتھ جذبۂ  اخوت کا معاملہ کیا جانا چاہیے کہ یہی مسلمان قوموں کے عروج و بلندی کا راز ہے۔ 
٭٭٭



مسلمانوں کے لیے کامیابی کا واحد راستہ

فتح مکہ  ۸ھ  ؁کی بات ہے، رسول اکرم ﷺ نے خانۂ  کعبہ کو بتوں سے پاک کرنے کے بعد حضرت بلالؓ کو حکم دیا کہ بیت اللہ کی چھت پر چڑھ کر اذان دو اور اپنے خاص اسلوب میں اللہ کی کبریائی اور وحدانیت کو بآواز بلند بیان کرو کہ عرصۂ  دراز سے یہ دیار توحید کے نغموں سے خالی ہے، مؤذنِ رسول حضرت بلالؓ آپﷺ کا حکم پاکر کعبہ کی چھت پر چڑھ گئے اور اذان دینے لگے، حضرتِ بلال چوں کہ رنگ کے اعتبار سے سیاہ تھے اس لئے حارث بن ہشام نے طنزیہ لہو جے میں کہا : کیا محمد (ﷺ) کو اس کالے کوے کے سوا کوئی آدمی نہیں ملا جو مسجد حرام میں اذان دے اور بھی بعض قریش مکہ جو ابھی تک مسلمان نہیں ہوئے تھے، انہوں نے حضرت بلال کے ذریعے اذان دیئے جانے پر ناگواری کا اظہار کیا، اس لئے کہ ان کے لئے یہ ایک نیا واقعہ تھا کہ ایک غلام، رنگ کے کالے حبشی کو یہ مقام دیا جائے کہ کعبہ کی چھت پر چڑھ کر اذان دینے کا اسے شرف حاصل ہو، اس پر قرآن کریم کی یہ آیت نازل ہوئی : یٰاَیُّہا النَّاسُ إِنَّا خَلَقْنَاکُمْ مِّن ذَکَرٍ وَاُنثَی وَجَعَلْنَاکُمْ شُعُوباً وَقَبَائِلَ لِتَعَارَفُوا إِنَّ اَکْرَمَکُمْ عِندَ اللَّہِ اَتْقَاکُمْ (الحجرات: ۱۳)’’ اے لوگو! ہم نے تم سب کو ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا البتہ تم سب کو مختلف قوموں اور مختلف خاندان میں تقسیم کیا تاکہ تم ایک دوسرے کی شناخت کر سکو، بلا شبہ تم میں سب سے زیادہ محترم اللہ کے نزدیک وہ ہے جو سب سے زیادہ پرہیز گار ہو۔‘‘ 
یعنی زمانۂ  جاہلیت میں تمہارے نزدیک حسب و نسب اور قومیت فخر و عزت کی چیز تھی اور یہی تمہارے لئے بڑائی کا معیار تھا، اسلام میں اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے، اسلام میں برتری اور فضیلت کا محور خاندان اور قبیلہ نہیں، ایمان اور تقویٰ ہے، ایمان کے بعد جو جتنا متقی ہے اسی قدر اللہ کے نزدیک وہ با عزت اور قابل قدر ہے اور حضرت بلالؓ چوں کہ صاحبِ ایمان اور متقی ہیں اس لئے ان کا مقام کفار قریش سے بڑھا ہوا ہے، خواہ وہ غلام، حبشی اور رنگ کے کالے ہی کیوں نہ ہوں، اس لئے خانۂ  کعبہ کی چھت پر چڑھ کر اذان دینا شریعت اسلامی کی نظر میں کوئی امر تعجب نہیں ۔ 
مذکورہ آیت میں ایک جامع تعلیم انسانی مساوات کی ہے کہ کوئی انسان دوسرے کو کمتر یا رذیل نہ سمجھے اور اپنے نسب اور خاندان یا مال و دولت وغیرہ کی بناء پر فخر نہ کرے کیوں کہ درحقیقت تمام انسان ایک ہی ماں باپ کی اولاد ہونے کی حیثیت سے بھائی بھائی ہیں اور جب تمام انسان آپس میں بھائی بھائی ہیں تو پھر تفاخر اور خاندانی فوقیت کا کیا مطلب ؟ ہاں، البتہ مختلف قبائل اور خاندانوں میں نوع انسان کو تقسیم کرنے کی حکمت یہ ہے کہ آپس میں لوگوں کے لئے تعارف اور شناخت آسان ہو جائے مثلاً ایک نام کے دو شخص ہیں تو خاندان کے تفاوت سے ان میں امتیاز ہو سکتا ہے اور اس کے دور اور قریب کے رشتوں کا علم ہوسکتا ہے، رسول اکرم ﷺ نے یہی مفہوم حجۃ الوداع کے ایام تشریق میں واضح طور پر ارشاد فرمایا تھا:  یا ایھا الناس الا ان ربکم واحد الا ان اباکم واحد الا لافضل لعربی علی عجمی ولا لعجمی علی عربی ولا لاسود علی احمر ولا لاحمر علی اسود الا بالتقویٰ ان اکرمکم عند اللہ اتقاکم ( الدر المنثور : ۷؍۵۷۹) ’’اے لوگو! سنو تم سب کا رب ایک ہے، تم سب ایک ہی باپ کی اولاد ہو، کسی عربی کو عجمی پر یا عجمی کو عربی پر فوقیت حاصل نہیں اور نہ ہی کسی کالے کو گورے پر اور نہ گورے کو کالے پر برتری اور فضیلت حاصل ہے سوائے تقویٰ کے، بے شک تم میں سب سے با عزت اللہ کے نزدیک وہ شخص ہے جو سب سے زیادہ متقی اور پرہیزگار ہو ‘‘۔  
اسلام کے علاوہ دیگر تمام مذاہب میں رنگ و روپ اور نسل و خاندان کو بڑی اہمیت دی گئی ہے، اس لئے ان کے ہاں ذات پات کو فضل و برتری کا معیار قرار دیا گیا ہے، غیر مسلموں میں ایک برہمن کو جو مرتبہ حاصل ہے وہ دوسروں کو نہیں، یہ تصور یکے بعد دیگرے تمام طبقات میں پایا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ غیر مسلموں میں نیچی ذات کے لوگ اس بات کا استحقاق نہیں رکھتے کہ وہ بڑی ذات والوں کے ساتھ مل کر کھائیں پئیں، شادی بیاہ اور دیگر زندگی کی رسم ایک ساتھ انجام دیں، اسلام نے یہ تصور یکسر مٹا دیا ہے اور بڑائی کا معیار ایمان اور تقویٰ کو رکھا، ایک قریشی یا سید جو مسلمان نہیں یا مسلمان ہے مگر اتباعِ رسول میں کمی و کوتاہی کرتا ہے تو اس سے بہتر اور افضل وہ شخص ہے جو سید تو نہیں ہے اور نہ ہی کسی اعلیٰ خاندان اور اعلیٰ قبیلے سے اس کا تعلق ہے مگر اس کے دل میں اللہ کا خوف اور سنت سے محبت کا جذبہ پایا جاتا ہے گویا رسول اکرم ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر اپنے تاریخی ارشاد کے ذریعے معاشرے میں پھیلے ہوئے امتیازات اور تعصبات کی جڑ کاٹ دی کہ یہ فلاں خاندان اور قبیلے سے تعلق رکھنے والا ہے اور میرا فلاں خاندان اور قبیلے سے تعلق ہے، یا یہ فلاں وطن کا باشندہ ہے اور میں دوسرے وطن کا رہنے والا ہوں، یعنی زبان، وطن، خاندان، قبیلہ، مسلک یا اس جیسی کوئی چیز اسلام میں شرافت اور عزت و مرتبہ کا معیار نہیں اور نہ اس کی بنیاد پر کسی انسان کو دوسرے پر فوقیت و برتری کا درجہ دیا جا سکتا ہے البتہ تقویٰ اور کامل دین داری ایسا وصف ہے جو کسی انسان کو معزز، مکرم اور افضل و برتر قرار دے سکتا ہے، جو لوگ خاندان، قبیلہ یا وطن اور زبان کو اپنی بڑائی کی بنیاد قرار دیتے ہیں یا ان کے سبب آپس میں تفریق کو جائز قرار دیتے ہیں، وہ زمانۂ  جاہلیت کی راہ پر چل رہے ہیں، اسلامی تعلیمات پر وہ عمل پیرا نہیں، خواہ وہ اپنے آپ کو نیک اور صالح ہی کیوں تصور نہ کریں ۔ 
انصار کے دو قبیلے اوس اور خزرج میں اسلام سے قبل بڑی شدت سے جنگ چلتی تھی لیکن اسلام نے دونوں کو شیر و شکر بنا دیا، وہی لوگ جو قبیلے اور خاندان کی بنیاد پر ایک دوسرے کے خون کے پیاسے تھے اب بے مثال ہمدرد اور غمخوار بن گئے، ایک مرتبہ ایک یہودی سماس بن قیس جو مسلمانوں سے بہت کینہ رکھتا تھا، اس نے ایک مجلس میں اوس اور خزرج کو ایک جگہ مجتمع و متفق دیکھا تو حسد سے بے چین ہو گیا، اس نے آپس میں لڑانے کی تجویز سوچی اور اسلام سے قبل دونوں کے درمیان پیش آئی ہوئی جنگ کا تذکرہ چھیڑ دیا جس سے دونوں کے جذبات بھڑک اٹھے اور قریب تھا کہ لڑائی ہو جاتی۔رسول اکرم ﷺ کو جب اس کا علم ہوا تو آپﷺ ان کے پاس تشریف لے گئے اور فرمایا کہ مسلمان ہونے اور باہم متفق ومانوس ہونے کے بعد یہ کیا جہالت ہے، کیا تم میرے ہوتے ہوئے کفر کی طرف دوبارہ عود کرنا چاہتے ہو، اس ارشاد سے وہ لوگ متنبہ ہو گئے اور سمجھا کہ یہ شیطانی حرکت تھی، ایک دوسرے کے گلے لگ کر بہت روئے اور توبہ کی، اس پر سورہ آل عمران کی چند آیتیں (۱۰۰ تا ۱۰۳) نازل ہوئیں، جن میں باہمی اتفاق و اتحاد اور تفرق و اختلاف سے بچنے کی ہدایت دی گئی اور اسلام کو ایک عظیم نعمت سمجھنے کا حکم دیا گیا کہ صدیوں کی عداوتیں اور کینے نکال کر اللہ تعالیٰ نے اسلام اور نبی ٔ اکرم ﷺ کی برکت سے بھائی بھائی بنا دیا جس سے تمہارے دین و دنیا درست ہو گئے اور ایسی دوستی قائم ہوئی جسے دیکھ کر تمہارے دشمن مرعوب ہوئے اور یہ برادرانہ اتحاد خدا کی اتنی بڑی نعمت ہے جو روئے زمین کا خزانہ خرچ کر کے بھی میسر نہ آسکتی تھی۔ 
ان آیات میں مسلمانوں کو اس بات کا پیغام دیا گیا ہے کہ جہاں تک ہو سکے آپس میں اتحاد اور یکجہتی کی راہ پیدا کی جائے، اخوت اور بھائی چارگی کا معاملہ کیا جائے اس لئے کہ اتحاد کسی گروہ کی سب سے بڑی طاقت ہے، اس کے بغیر کوئی بڑا کام انجام نہیں دیا جا سکتا، اتحاد نہ ہو تو مسلمان دنیا میں اپنا کوئی مقام نہیں بنا سکتے ہیں اور نہ ہی غیروں پر ان کا رعب بیٹھ سکتا ہے بلکہ آپسی اختلاف و انتشار سے دوسروں کی نظر میں یہ ہلکے پڑ جائیں گے اور جب جو چاہے ان کو لقمۂ  تر سمجھ بیٹھیں گے، اس سے اسلام کا شیرازہ بکھر جائے گا اور خدائی قانون میں استحکام پیدا نہیں ہو گا، یہی وجہ ہے کہ مختلف نصوص شرعیہ میں توحید پرستوں کو اتحاد کی دعوت دی گئی ہے اور مختلف نوعیتوں سے ان کو یکجہتی اور سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننے پر ابھارا گیا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اتحاد اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ محبوب ہے وہ دنیا کی عزت ہے اور آخرت کی بھی، نماز جو اہم ترین عبادت ہے، اس کی وضع قطع اور ہیئت سے بھی اتحاد کا بڑا پیغام ملتا ہے کہ تکبیر کہنے کے ساتھ ہی مسجد میں منتشر تمام افراد ایک امام کے پیچھے ایک نیت کے ساتھ کھڑے ہو جاتے ہیں، خواہ مالدار ہو یا غریب، کالا ہو یا گورا، کسی خاندان اور کسی بھی قبیلے سے اس کا تعلق ہو، سب ایک صف میں شامل ہیں، ہر شخص کا رخ ایک ہے، ہر شخص ایک ہی آواز پر حرکت کر رہا ہے، سب متحد ہو کر ایک ساتھ اٹھتے، ایک ساتھ بیٹھتے اور ایک ساتھ اپنے رب کے آگے جھک جاتے ہیں، یہ عملی مشق اس لئے ہے تاکہ مسجد کے باہر آنے کے بعد بھی تمام مسلمانوں کے دل ملے رہیں، ایک منصوبہ کے تحت سب کام کریں، اس سے بھی زیادہ سبق حج کے موقع پر دنیا بھر سے جمع ہوے لاکھوں افراد سے ملتا ہے جن میں دنیا کے ہر ملک کے مسلمان شامل ہوتے ہیں، کسی اختلاف کے بغیر سب خانۂ  کعبہ کا طواف کرتے ہیں، قیام عرفہ، منیٰ و مزدلفہ اور دوسرے ارکان حج کی ادائیگی میں سب شانہ بشانہ چل رہے ہیں، یہ ایسی عظیم اور مکمل اجتماعیت ہے جس کی مثال کسی بھی دوسرے مذہبی یا غیر مذہبی گروہ کے یہاں نہیں ملتی، لیکن یہ بھی عجیب بات ہے کہ مسلمانوں میں اتحاد کے اتنے شان دار امکانات کے باوجود اختلاف کا ایک سیلاب ہے جو بند ہونے کا نام نہیں لیتا، کہیں خاندانی اور گروہی اختلاف ہے تو کہیں لسانی اور وطنی بندش، کہیں مسلکی دیواریں اس طرح کھڑی کر دی گئی ہیں کہ ایک شخص دوسرے مسلک کے گروہ کو دیکھنا بھی پسند نہیں کرتا، آج ساری دنیا میں مسلمان ہی وہ گروہ ہیں جو سب سے زیادہ غیر متحد ہیں، نہ کوئی دنیوی مقصد ان کو متحد کرنے میں کامیاب ثابت ہو رہا ہے اور نہ کوئی اخروی مقصد، اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ہر آدمی اپنا چلانا چاہتا ہے، دوسروں کو برداشت کرنے کا جذبہ نہیں، بڑا بننے کا یہی جذبہ اتحاد کے راستہ کی اصل رکاوٹ ہے اگر انسان کے دل و دماغ سے یہ بات نکل جائے کہ میری ہی رائے یا میری چیز کا صحیح ہونا ضروری نہیں تو اس سے دوسروں کو سمجھنے کے مواقع فراہم ہوں گے، غلط فہمیاں دور ہوں گی اور اتحاد و اتفاق کی راہ ہموار ہو گی، اسی کے ساتھ یہ پہلو بھی قابل غور ہے کہ جزوی اور فروعی اختلاف آج کی نئی پیداوار نہیں بلکہ چودہ سو سال پہلے صحابۂ  کرام کی مقدس جماعت میں اس کا وجود تھا اور ہر عہد میں یہ سلسلہ باقی رہا ہے جسے اللہ کی جانب سے اس امت کے لئے رحمت قرار دیا گیا ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ جزوی اختلاف بر انہیں بلکہ ایسا ہونا ایک فطری امر ہے مگر اسے آپسی نفرت و عداوت کا ذریعہ قرار دینا جس سے آدمی انصاف کے تقاضوں کو بھول جائے اور آپس میں ایک دوسرے کے خلاف جارحانہ کارروائی کرنے لگے، یہ قابل مذمت اور اسلام کی نظر میں سنگین جرم ہے، اسلام چاہتا ہے کہ آپسی جزوی اور فروعی اختلاف کو فراموش کرتے ہوئے تمام مسلمان بھائی بھائی بن جائیں اور یہ دل سے باور کر لیں کہ ہم سب ایک ہی ماں باپ کی اولاد ہیں، کسی کو کوئی دکھ یا تکلیف پہنچے تو اسے دوسرے لوگ اپنا مسئلہ سمجھیں اور اسے حل کرنے کی اجتماعی طور پر کوئی صورت نکالیں ۔  
یہ ایک حقیقت ہے کہ جب زیادہ انسان ایک محاذ پر جمع ہوں گے تو لازمی طور پر رایوں میں اختلاف ہو گا، تھوڑی بہت ایک دوسرے کو تکلیف پہنچے گی، کہیں تنقید سننی پڑے گی کہیں اپنی شکست پر صبر کرنا ہو گا، کہیں اپنے مقابلہ میں دوسروں کو ترجیح دینی ہو گی یعنی اجتماعی مصلحت کی خاطر اپنی ذاتی مفاد کو قربان کرنے کے ساتھ بے شمار قسم کی ناخوش گواریاں برداشت کرنی ہوں گی تو کہیں اتحاد و یکجہتی اور اجتماعیت قائم ہوسکتی ہے ورنہ اپنی ’’ انا‘‘ کی بت دماغ میں رکھ کر افتراق اور انتشار کے بجائے اتحاد کبھی ہاتھ نہیں آسکتا، آج اتحاد و اتفاق کی باتیں سب کرتے ہیں لیکن جہاں اپنے مفاد کی قربانی کا وقت آتا ہے یا اپنے کو چھوٹا بنانا پڑتا ہے تو تمام جذبات سرد پڑ جاتے ہیں، رسول اکرم ﷺ کے وصال کے بعد جب خلافت کا مسئلہ درپیش آیا تو حضرت عمر فاروق ؓ نے اپنے تمام تر فضائل کے باوجود حضرت ابو بکرؓ کی خلافت کی طرف ہاتھ بڑھایا، حقیقت میں حضرت ابو بکرؓ بڑے بھی تھے اور خلافت کے مستحق بھی، تاہم حضرت عمر فاروق ؓ اگر خلافت کا دعویٰ کر بیٹھتے تو کچھ لوگ ضرور ان کے طرفدار ہوتے مگر اس سے امت میں اتحاد پیدا نہیں ہوسکتا تھا، اسی طرح محض امت کو انتشار سے بچانے کے لئے حضرت حسن بن علیؓ حضرت معاویہؓ کے حق میں دست بردار ہو گئے، حالانکہ حضرت حسن ؓ کو ہزاروں لوگ ماننے اور چاہنے والے تھے، یہ سلسلہ جب تک باقی رہا مسلمانوں میں ناقابل تسخیر قوت تھی اور جب ذاتی بڑائی اور خود پسندی کا جذبہ پیدا ہوا تو اسلام کی طاقتیں منتشر ہو کر بے معنی ہو گئیں، اللہ تعالیٰ نے اس نتیجے سے بہت پہلے ہی خبر دار کیا تھا: وَاَطِیْعُواْ اللّہَ وَرَسُولَہُ وَلاَ تَنَازَعُواْ فَتَفْشَلُواْ وَتَذْہَبَ رِیْحُکُمْ وَاصْبِرُواْ إِنَّ اللّہَ مَعَ الصَّابِرِیْنَ (الانفال:۴۶) ’’ اے مسلمانو! اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو اور آپس میں جھگڑا نہ کرو ورنہ تمہارے اندر کمزوری آ جائے گی اور تمہاری ہوا اکھڑ جائے گی اور صبر کرو، اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے ‘‘ ___ مسلمان اگر مل جل کر رہتے تو آج وہ ایسی طاقت بن جاتے جس پر دوسروں کو ہاتھ ڈالنے کی ہمت نہ ہوتی اور ان کو زیر کرنا آسان نہ ہوتا جیسا کہ آج ہر طرف مسلمانوں کے ساتھ خفت کا معاملہ کیا جاتا ہے، آیت میں اتحاد کا راز صبر بتایا گیا ہے یعنی ایک آدمی جب اجتماعیت میں شامل ہو گا تو ممکن ہے کہ درمیان میں طرح طرح کی شکایتیں پیدا ہوں اور جذبات کو ٹھیس پہنچے ایسے وقت ضرورت ہے کہ صبر سے کام لیں اور اپنے مفاد کے خلاف عمل ہونے کے باوجود اجتماعیت کو ترک نہ کیا جائے۔  
حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا : آپس میں ایک دوسرے سے بغض نہ کرو، ایک دوسرے سے حسد نہ کرو، ایک دوسرے سے پیٹھ نہ پھیرو، سب اللہ کے بندے اور بھائی بھائی بن جاؤ، کسی مسلمان کے لئے جائز نہیں کہ اپنے بھائی کو تین دن سے زیادہ چھوڑے یعنی اس سے کلام نہ کرے۔  ( ابو داؤد) آپس میں بات چیت ترک نہ کرنے، حَسد اور بغض سے پر ہیز کرنے، ایک دوسرے سے ہمدردی، محبت، اخوت و بھائی چارگی قائم کرنے اور اس جیسے مضامین پر مشتمل جتنی احادیث وارد ہوی ہیں ان تمام کا مقصد یہ ہے کہ کلمۂ  توحید کے پرستار سب آپس میں ایک ساتھ مل کر رہیں، کبھی اگر وقتی طور پر اختلاف ہو بھی تو اسے بھول جائیں اور سب ایک بدن اور ایک جان بن کر زندگی گزاریں، اس سے زندگیوں میں اللہ کی رحمت نازل ہو گی اور دین کے دشمنوں کو اسلام کے قلعے میں نقب لگانے کا موقع نہیں ملے گا۔  
ہندوستان کے مسلمان اتنے کمزور نہیں ہیں جتنا وہ سمجھتے ہیں، معاشی، صنعتی ترقی، مال و دولت، تعلیم و تربیت اور تعداد کے اعتبار سے بھی قابل لحاظ ہیں اور ہر آئے دن مسلمانوں میں دینی و دنیوی شعور بڑھتا جا رہا ہے مگر گروہی اور مسلکی انتشار کے سبب ان کی ترقی اور حیثیت نمایاں نہیں ہو پاتی، وہ بکھرے ہوئے شعاعوں کی طرح زندگی گزار رہے ہیں، ان کے درمیان ایسی منصوبہ بندی نہیں کہ ہر ایک کی جد و جہد پوری ملت کے لئے مفید بن سکے، ہر شخص اپنی اپنی سمت سفر طے کر رہا ہے لیکن اگر یہی سب مجتمع ہو جائیں تو یہ شعاعیں شعلہ بن کر دنیا کو جگمگا سکتی ہیں، ضرورت یہ ہے کہ مسلکی، وطنی، لسانی اور ذاتی مفاد سے بالا تر ہو کر اتحاد اور اجتماعیت کی راہ پیدا کی جائے کہ یہی مسلمانوں کی کامیابی اور انقلاب کا واحد راستہ ہے، اس کے بغیر مسلمانوں کا وجود بے معنی ہے۔  

قیدیوں کے حقوق

اسلام سراپا رحمت اور شفقت ہے، اس مذہب میں عدل واحسان کی بار ہا تاکید کی گئی ہے اور یہی اس مذہب کی روح ہے، ظلم و زیادتی، ناحق مار پیٹ، ستانا اور کسی کو خواہ مخواہ پریشان کرنا اس مذہب میں جائز نہیں، اسلام کی نظر میں مرد و عورت امیر و غریب، محتاج اور غنی سب برابر ہیں، کسی کو کسی پر فوقیت حاصل نہیں، اس لئے کسی امیر کو غریب کے ساتھ ناروا سلوک کرنے کی اجازت نہیں دی گئی اور نہ ہی کسی صاحب طاقت کو بے کس اور کمزوروں پر اپنی طاقت استعمال کرنے کا حق دیا گیا ہے یہاں تک کہ بے زبان جانوروں پر شفقت اور رحمت کا حکم دیا گیا ہے، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے مختلف ارشادات کے ذریعہ جانوروں پر ظلم و زیادتی سے منع فرمایا ہے، حضر ت جابر بن عبد اللہ کا بیان ہے کہ ایک مرتبہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب سے ایک گدھا گذر ا جس کے چہرے کو داغ دیا گیا تھا، اس کے دونوں نتھنوں سے خون کا فوارہ چھوٹ رہا تھا، آپؐ نے یہ دیکھ کر فرمایا : اللہ اس شخص پر لعنت کرے جس نے یہ حرکت کی، پھر آپؐ نے ممانعت فرمائی کہ نہ تو چہرے کو داغا جائے، نہ چہرے پر مارا جائے۔ (زاد راہ صفحہ ۷۲)
جانور کو مثلہ کرنے، اس پر نشان نہ بازی کرنے اور طاقت سے زیادہ بوجھ لادنے سے منع کیا گیا، اس کی بھی ممانعت ہے کہ ایک جانور کو دوسرے جانور کے سامنے ذبح کیا جائے تاکہ اسے اپنے ذبح کئے جانے کا احساس اور اس کی تکلیف نہ ہو، اگر جانور ذبح کیا جائے تو پہلے چھری تیز کرنے کی ہدایت دی گئی کہ ذبح کرتے ہوئے جانور کو زیادہ تکلیف نہ ہونے پائے، غور کرنے کی بات ہے کہ شریعت نے ایک جانور کے ساتھ کس قدر محبت و شفقت کا حکم دیا  ہے، یہ اس لیے کہ کوئی انسان یہ خیال نہ کرے کہ یہ بے زبان کمزور اور ناتواں مخلوق ہے، اس پر جس طرح بھی ہو سکے زیادتی درست ہو گی، بلکہ دیکھا جائے تو کتا ایک نجس جانور ہے لیکن ایک جاندار مخلوق کی حیثیت سے وہ بھی سزاوار رحم و کرم ہے اور اگر کوئی اس کے ساتھ اچھا سلوک کرتا ہے تو وہ بھی موجب اجر ہے، مشہور حدیث ہے کہ پہلے زمانے میں ایک بدکار عور ت نے پیاس سے ہانپتے ہوئے ایک کتے کو بڑی مشقت سے پانی پلایا تھا، اللہ نے اس کی قدردانی کی اور اسے بخش دیا، لوگوں نے پوچھا یا رسو ل اللہ! کیا جانوروں کے پانی پلانے میں بھی ہمیں اجر ملے گا، آپؐ نے فرمایا ہر تر جگر رکھنے والے جاندار کے پانی پلانے میں ثواب ہے۔(مؤطا امام محمد، کتاب اللقط)
اسلام میں جب ایک جانور کے ساتھ اس طرح حسن سلوک کی تاکید ہے تو انسان کے ساتھ رحم و کرم کی کس قدر تاکید ہو گی، انسانیت کا احترام جانور کے بہ نسبت زیادہ ہے، یہی وجہ ہے کہ جانی دشمنوں کے ساتھ بھی کوئی ایسا معاملہ نہیں کیا جائے گا جو انسانیت کے خلاف ہو جیسے ان کا مثلہ کرنا، آگ میں جلانا، پیاس سے تڑپانا، غیر انسانی سزادینا وغیرہ۔ایک مرتبہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے سے ایک یہودی جنازہ گذرا، آپؐ بیٹھے ہوئے تھے جب جنازہ پر نظر پڑی تو آپؐ کھڑے ہو گئے، صحابۂ  کرام نے سوال کیا یا رسول اللہ!یہ تو ایک یہودی اور غیر مسلم کا جنازہ تھا، اس کے احترام میں کھڑے ہونے کی کیا ضرورت تھی ؟ آپؐ نے ارشاد فرمایا الیستْ نفسا (مشکوۃ صفحہ۱۴۷) ’’ کیا وہ انسان نہیں ہے ‘‘ یہاں اگرچہ وہ مسلمان نہیں تھا لیکن آپؐ نے انسانیت کا احترام کیا ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کفر و شرک کے باوجود آدمیت کے اوصاف اور ان کا احترام باقی رہے گا، یہی وجہ ہے کہ شریعت اسلامی نے غلاموں کے ساتھ نیک برتاؤ کی تاکید کی ہے خواہ وہ کافر ہوں یا مسلمان، حضرت ابوذرؓ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :جن کو اللہ تعالیٰ نے تمہارا دست نگر اور ماتحت بنایا ہے وہ تمہارے بھائی ہیں یعنی لونڈی غلام اور خدمت گار، اس کو وہ اپنے کھانے میں سے کھلائے اپنے کپڑے میں سے پہنائے، اس کو ایسے کام کی تکلیف نہ دے جس سے وہ تھک جائے، اگر اسے ایسے کام کی تکلیف دے جس سے وہ تھک جائے تو پھر خود اس کی امداد کرے یعنی ہاتھ بٹائے۔  (صحیح بخاری کتاب الوصایا) ایک شخص نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا یارسول اللہ ! میں غلام کا قصور کتنی مرتبہ معاف کر وں، آپؐ خاموش رہے، کچھ جواب نہ دیا، اس نے دوبارہ یہی پوچھا، آپ ؐ پھر خاموش رہے تیسری مرتبہ آپؐ نے فرمایا ہر روز ستر بار (ترمذی :۲؍۱۶)  حضرت علی ؓ کا ارشاد ہے کہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے جو الفاظ آخری وقت تک زبان مبارک پر جاری تھے اور جس کے بعد آپ ﷺ خالق حقیقی سے جا ملے، وہ یہ الفاظ تھے  الصلوۃ، الصلوۃ، اتقواللہ فیما ملکت ایمانکم ’’نماز کا خیال رکھو، اپنے زیر دست غلاموں کے بارے میں اللہ سے ڈرو‘‘ غلام جو من وجہِِ قیدی ہے اس کے ساتھ حسن سلوک کرنے اور ظلم و زیادتی نہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے، اس کو ادب اور تعلیم و تربیت دینا، ضرورت سے زیادہ اور بے وقت کام نہ لینا، کھانے پینے اور عبادات کے لئے فرصت فراہم کرنا بلکہ اپنے بھائی جیسا سلوک کرنا اسلام کی تعلیم ہے، اسلام سے قبل اور بعد کے ایام میں بھی غیروں کی نظر میں غلاموں کی کوئی حیثیت نہیں تھی، ان کا تصور بالکل نادار مفلس اور معاشرے سے خارج فرد کی طرح تھا جس کو انسانی حقوق بھی حاصل نہ ہوں، یہی وجہ ہے کہ زمانۂ  جا ہلیت میں جانوروں کی طرح ان کے ساتھ سلوک کیا جاتا تھا اور آج بھی خادموں اور ناداروں کے ساتھ بھی یہی سلوک برتا جا تا ہے مگر اسلام نے غلاموں کو انسانیت کے اعتبار سے مساوی حقوق فراہم کیا اور ان کے بارے میں آقاؤں کو ایسی ہدایات دیں کہ دنیا کے کسی مذہبی قانون میں اس کی نظیر نہیں ملتی، مشہور مسشترق موسیو گستاولیبان اپنی کتاب تمدن عرب میں لکھتا ہے :
’’غلام کا لفظ جب کسی ایسے یورپین شخص کے سامنے بولا جاتا ہے جو ۳۰ سال کے دوران لکھی ہوئی امریکی روایتوں کو پڑھنے کا عادی ہے تو ان کے دل میں ان مسکینوں کا تصور آ جاتا ہے جو زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں، ان کے گلوں میں طوق پڑے ہیں اور انہیں کوڑے مار مار کر ہنکا یا جا  رہا ہے، ان کی غذا ان کی سدرمق کے لئے بھی کافی نہیں ہے اور انہیں رہنے کے لئے تاریک کو ٹھریوں کے سوا کچھ میسر نہیں، مجھے یہاں اس سے بحث نہیں کہ یہ تصویر کس حد تک درست ہے اور انگریزوں نے چند سالوں سے امریکہ میں جو کچھ کیا ہے یہ باتیں اس پر صادق آتی ہیں یا نہیں ؟ لیکن یہ بالکل یقینی بات ہے کہ اہل سلام کے یہاں غلام کا تصور نصاریٰ کے یہاں غلام کے تصور سے بالکلیہ مختلف فیہ ہے ‘‘ (معارف القرآن :۸؍۲۵)
غلاموں اور قیدیوں کا معاملہ تقریبا یکساں ہے لہٰذا غلاموں کے ساتھ جس طرح حسن سلوک کئے جانے کی ہدایات وارد ہیں، انسان ہونے کے اعتبار سے قیدیوں کے ساتھ بھی حتی الامکان حسن سلوک روا رکھا جائے گا، قید یوں سے کوئی ایسا برتاؤ نہ کیا جائے جو غیر انسانی ہے، کیوں کہ جرائم تو بہر حال انسان سے ہی ہو تے ہیں، جانوروں سے نہیں ہوتے، اس لئے انسانیت کا احترام بہر حال لازم ہے، جس طرح غلام سے غلامیت کے باوجود آدمیت کے خواص باطل نہیں ہو تے، اسی طرح قیدیوں سے انسانیت باطل نہیں ہو گی وما کان من خواص الآدمیۃ فی الرقیق لا یبطل بل یبقی علیٰ اصل الحریۃ۔ (فتح القدیر:۳؍۴۴) ایک انسان کو انسان ہونے کی حیثیت سے جن چیزوں کی ضرورت پڑتی ہے اسے بہرحال فراہم کی جائیں گی جیسے پیٹ بھر کھانا، پیاس بجھا نے کے لئے پانی فراہم کرنا، تن ڈھانکنے کے لئے کپٹرا مہیا کرنا وغیرہ۔  لہٰذا قیدیوں کو بھوکا، پیاسا رکھنا یا بے لباس کرنا جائز نہیں، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بنی قریظہ کے قیدیوں کے بارے میں اپنے صحابۂ  کرام کو ہدایت دیتے ہوئے ارشاد فرمایا تھا : ا حسنو اسارھم وقیلوھم واسقوھم وقال لاتجمعوا علیھم حرھذا الیوم وحرالسلاح  (الموسوعۃ الفقھیۃ:۴؍۱۹۸)
’’انہیں خوش اسلوبی سے اور حسن سلوک سے قید کرو، انہیں آرام کا موقع دو، کھلاؤ، پلاؤ اور تلوار اور اس دن کی گرمی دونوں کو یکجا مت کرو‘‘  جن دنوں میں بنو قریظہ کے قیدیوں کو قید کیا گیا تھا، وہ گرمی کے ایام تھے، تپش زیادہ تھی، اس لئے آپؐ نے بطور خاص دن کی گرمی دھوپ اور قیلولہ کے لئے مواقع فراہم کر نے کی تاکید فرمائی، کیوں کہ گرمی کے ایام میں قیدیوں کی گرمی کا خیال نہ رکھنا، انہیں دھوپ میں چھوڑ دینا بلکہ آرام کا موقع نہ دینا بھی غیر انسانی حرکت ہے اور قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی حرکت جائز نہیں ۔ معلوم ہوا کہ قیدیوں کوا لکٹرک شاٹ لگانا، قیدیوں پر کتے چھوڑنا، قیدیوں کو سخت ٹھنڈک میں بر ف کی سلوں پر ڈال دینا، حدسے زیادہ مار پیٹ کرنا، مسلسل جگے رہنے پر مجبور کرنا یا ان کی جائے رہائش میں تیز روشنی یا تیز آواز کا انتظام کر نا شرعاً درست نہیں ہے۔ 
چوری، قتل وغارت گری، زنا کاری شراب نوشی ظلم وزیادتی اور اس طرح کے دیگر جرائم یقیناً اسلام کی نظر میں بھی انتہائی شنیع اور قابل مذمت ہیں ان کے مر تکبین سخت سے سخت سزا کے مستحق ہیں لیکن شریعت نے اس کے بھی حد و د متعین کئے ہیں اور ان میں اہم چیز انسانیت کا احترام ہے، ہر وہ سزا جس سے آدمیت کی تو ہین ہوتی ہو جائز نہیں ہے۔ اسیران بدر میں ایک شخص سہیل بن عمر و تھا جو نہایت فصیح اللسان تھا اور عام مجمعوں میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف تقریر یں کیا کرتا تھا، حضرت عمرؓ نے کہا یا رسول اللہ !اس کے دو نیچے کے دانت اکھڑوا دیجئے کہ پھر اچھا نہ بول سکے، آپؐ نے فرمایا کہ میں اگر اس کے عضو بگاڑوں تو گونبی ہوں لیکن خدا اس کی جزا میں میرے اعضاء بھی بگاڑ ے گا۔ (تاریخ طبری صفحہ۱۳۴۴) آپؐ کی شان اقدس میں توہین آمیز کلمات کہنا یقیناً بڑا جرم ہے لیکن اس کے باوجود اس کے عوض میں دانت اکھاڑنے کی رائے قبول نہیں کی گئی، اس لئے کہ یہ مثلہ کے دائرے میں آتا ہے، اسی طرح دانت اکھاڑنے سے ایک عضو سے ہمیشہ کے لئے محروم ہو جاتا جو انسانی ضرورت ہے اس سے یہ مستفاد ہوتا ہے کہ قیدیوں کو اس طرح بے تحاشہ نہیں مارا جائے گا اور نہ کوئی ایسی سزا دی جائے گی جس کے سبب ان کا کوئی عضو شل اور ضائع ہو جائے یا ان کے کسی عضو کی منفعت ختم ہو جائے کیوں کہ یہ غیر انسانی اور رحم و کرم کے خلاف ہے۔ 
اسلام میں حقوق انسانی اور بنیادی آزادی کے تحفظ کا مکمل لحاظ رکھا گیا ہے، غیر انسانی یا ذلت آمیز سلوک کی قطعاً گنجائش نہیں، آج کل دنیا کے مختلف ممالک میں قیدیوں کے ساتھ جو نارواسلوک کیا جاتا ہے وہ نا مناسب بلکہ ناجائز ہے جیسے قیدیوں کو ٹارچر کرنا، تفتیش و تحقیق کے نام پر الٹا لٹکا دینا، ایسی جگہ قید کرنا جہاں بیٹھنے، لیٹنے اور آرام کرنے کی گنجائش نہ ہو، بے لباس کرنا وغیرہ، ابو غریب جیل میں جو سزائیں دی جاتی ہیں کون سادل ہے جو ان سزاؤں کی کیفیت سن کر تڑ پتا نہ ہو اور ان سزاؤں کی تصویر دیکھ کر رونگٹے کھڑے نہ ہو تے ہوں، دیگر شعبہائے حیات کی طرح اس شعبے میں بھی اسلا م نے عدل واحسان پر مبنی تعلیمات اور اصول پیش کیا ہے اس سلسلے میں جنگ بدر کے قیدیوں کے احوال پیش کئے جا سکتے ہیں، مشہور سیرت نگار علامہ شبلی نعمانیؒ اسیران بدر کے ساتھ صحابۂ  کرام کے سلوک کا ذکر کرتے ہوئے لکھتے ہیں :
’’صحابہ نے ان کے ساتھ یہ برتاؤ کیا کہ ان کو کھانا کھلاتے تھے اور خود کھجور کھا کر رہ جاتے تھے، ان قیدیوں میں ابو عزیز بھی تھے جو حضرت مصعب بن عمیر کے بھائی تھے ان کا بیان ہے کہ مجھ کو جن انصاریوں نے اپنے گھر میں قید کر رکھا تھا، جب صبح یا شام کا کھانا لاتے تو روٹی میرے سامنے رکھ دیتے اور خود کھجور یں اٹھا لیتے، مجھ کو شر م آتی اور میں روٹی ان کے ہاتھ میں  دیتا لیکن وہ ہاتھ بھی نہ لگاتے اور مجھ ہی کو واپس دیتے اور یہ اس بناء پر تھا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے تاکید کی تھی کہ قیدیوں کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے ‘‘ (سیرۃ النبی : ۱؍۳۳۰)
ایسے لوگ جو جنت میں جائیں گے، ان کے اوصاف بیان کرتے ہوئے ایک وصف یہ بھی بیان کیا کہ وہ لوگ قیدیوں کو کھانا کھلاتے تھے ارشاد باری ہے  وَیُطْعِمُوْنَ الطَّعَامَ عَلٰی حُبِّہٖ وَمِسْکِیْنًا وَّیَتِیْمًا وَّاَسِیْرًا (سورۃ الدھر، آیت ۸)’’اور کھلاتے ہیں کھانا اس کی محبت پر محتاج کو اور یتیم کو اور قیدی کو ‘‘ قیدی سے مراد ظاہر ہے کہ وہ قید ی ہے جس کو اصول شرعیہ کے  مطابق قید میں رکھا گیا ہو خواہ وہ کافر ہو یا مسلمان مجرم، چوں کہ مجر م قیدیوں کو کھانا کھلانا حکومت کی ذمہ داری ہے، اگر کوئی شخص قیدیوں کو کھلاتا ہے تو گویا اسلامی بیت المال کی اعانت کرتا ہے بالخصوص ابتدائے اسلام میں جب کہ بیت المال کا کوئی منظم نظام نہیں تھا اس لئے صحابۂ  کرام میں قیدیوں کو تقسیم کر کے ان کے کھانے پینے اور ضروریات زندگی کی تکمیل کی جاتی تھی، تاہم قرآن و احادیث سے قیدیوں کو زنجیروں سے جکڑ نے، ہتھکڑیاں لگانے اور پاؤں میں بیڑیاں لگانے کی اجازت معلوم ہوتی ہے کہ مجرم کی شوکت ختم ہو جائے اور اس کے شر سے لوگ محفوظ رہیں، ارشاد باری ہے، فَاِذَالَقِیْتُمُ الَّذِیْنَ کَفَرُوْ افَضَرْبَ الرِّقَابِ حَتّٰی اِذَا اَثْخَنْتُمُوْھُمْ فَسُدُّوْ الْوَثَاقَ (سورہ محمد، آیت ۴)’’سو جب تمہارے مقابلہ کا فروں سے ہو جائے تو ان کی گردنیں مار چلو یہاں تک کہ جب ان کی خوب خونریزی کر چکو تو خوب مضبوط باند ھ لو ‘‘       
حضرت ابو ہریرہؓ فرماتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فوج کا ایک دستہ قبیلۂ  نجد کی طرف روانہ فرمایا، ان لوگوں نے یمامہ کے رئیس ثمامہ بن اثال کو گرفتار کر لیا، ان کو مدینہ لے کر آئے اور مسجد نبوی کے ایک ستون سے اچھی طرح باندھ دیا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر کوئی نکیر نہیں فرمائی بلکہ جب ان کے پاس سے آپؐ کا گذر ہو تا تو سوال کر تے ماذا عندک یا ثمامۃ؟’’تمہارا میرے بار ے میں کیا خیال ہے ‘‘ __  وہ جواب میں کہتے کہ آپؐ کے بارے میں میرا اچھا اور بہتر خیال ہے، اگر آپ ﷺ قتل کریں تو ایک واجب القتل کو قتل کریں گے اور اگر ا ٓپ چھوڑ دیں تو ایک شکر گذار شخص کو چھوڑیں گے اور اگر آپؐ کو مال و دولت مطلوب ہے تو فرمائیے مال حاضر کر دوں گا، ایمان قبول نہ کرنے کی بنیاد پر مصلحتاً آپؐ نے ان کو تین دن تک اسی طرح ستون میں بندھا ہوا رکھا اور یہی سوال و جواب ہوتا رہا، تیسرے دن آپؐ نے ان کو چھوڑ دینے کی ہدایت دی، وہ قید سے آزاد ہوے، دل میں آپؐ کی محبت اور ایما ن کی الفت گھر کر چکی تھی، غسل کے بعد ایمان قبول کر لیا۔  ( سنن ابی داؤد حدیث نمبر ۲۳۳۱)
اس زمانے میں باضابطہ کوئی قید خانہ نہیں تھا، قیدیوں کو اسی طرح باندھ کر بے بس کیا کرتے تھے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ قیدیوں کو باندھنا، ہتھکڑیاں پہنانا اور پاؤں میں بیٹریاں ڈالنا جائز ہے فی الحدیث دلالۃ علی جواز الاستیثاق من الا سیر الکافربالرباط والغل والقید وماید خل فی معناھا ان خیف انفلاتہ ولم یؤ من شرہ ان تر ک مطلقا (عون المعبود : ۷؍۳۳۷)  اگر قیدیوں کے بھاگنے یا ان کے بے بس نہ ہونے کا اندیشہ ہو تو ان کو تصرفات سے روکنے کے لئے قید کرنے کے ساتھ آنکھوں پر پٹی باندھی جا سکتی ہے یا تنہا کسی مکان میں قید کیا جا سکتا ہے علامہ ابن تیمیہ فرماتے ہیں فان الحبس الشرعی لیس ھوالسجن فی مکان ضیق وانما ھو تعویق الشخص ومنعہ من التصرف بنفسہ (فتاوی لابن تیمیہ:۳۵ ؍ ۳۹۸)
یعنی قیدکا اصل مقصد قیدیوں کو اپنے تصرفات اور شرارت سے روکنا ہے اور یہ چاہے جس طرح بھی حاصل ہو جائے اس کے ساتھ معاملہ ویسا کیا جا سکتا ہے اور اس کے لئے تمام قیدیوں کو ان کے ذاتی حالات کے تناظر میں دیکھا جائے گا، ہر قیدی کا مزاج، قوت و طاقت اور منصوبے الگ الگ ہوتے ہیں، اگر کسی قید ی کے بارے میں اطمینان ہو کہ یہ نہیں بھاگے گا تو اسے ہتھکڑی یا بیڑی لگا نے کی ضرورت نہیں اور اگر کوئی قیدی طاقتور ہو اور اسے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنا ہو، فرار ہونے کا احتمال ہو تو اس کی آنکھوں پر پٹی بھی باندھی جا سکتی ہے وغیرہ وغیرہ غرضیکہ اصل مقصد قیدیوں کو زیر کرنا اور ان کی شوکت کو ختم کرنا ہے اس کے لئے جیل میں ڈالنا ضروری نہیں، یہ مقصد جس طرح بھی حاصل ہو وہ قید شرعی میں داخل ہے، ھی کسر شوکۃ العدوودفع شرہ وابعادہ عن ساحۃ القتال لمنع فاعلیتہ واذاہ ولیمکن افتکاک اسری المسلمین بہ۔  (الموسوعۃ الفقھیۃ طبع کویت:۴؍ ۱۹۶)
سرکش قیدیوں کو معمولی جسمانی اذیت بھی دی جا سکتی ہے، اس کے جواز پر عہد نبویؐ کے اس واقعے سے روشنی پڑتی ہے کہ نبی ٔ اکرمﷺ نے غزوۂ  بدر کے موقع پر قریش کے حالات معلوم کر نے کے لئے بعض صحابہ کو مامور کیا، ان حضرات نے ابو سفیان کے بارے میں معلومات اکٹھا کرنے کی غرض سے ایک غلام کو گرفتار کر لیا اور اس کی پٹا ئی بھی کر تے رہے آپؐ اس وقت نماز پڑھ رہے تھے، جب نماز سے فارغ ہوے تو غلام کی پٹائی پر کسی ناراضگی کا اظہار نہیں فرمایا بلکہ فرمایا کہ غلام صحیح کہتا ہے اس کو ابو سفیان کا علم نہیں ۔ (ابو داؤد حدیث نمبر ۲۳۳۲) لیکن یاد رہے کہ کوئی بات اقرار کرانے یا کسی جانکاری کے حصول کے لئے صرف معمولی ضرب ہی لگا ئی جا سکتی ہے، غیر انسانی مار جیسے ضرب شدید، ٹارچر کرنا، کرنٹ لگانا وغیرہ کسی بھی صورت میں جائز نہیں، ایسے قیدیوں کو زیادہ سے زیادہ طویل عرصے تک کے لئے قید خانہ میں ڈالا جا سکتا ہے یا مصلحت دیکھی جائے اور شروفساد زیادہ ہو تو قتل کیا جا سکتا ہے جیسا کہ باغیوں کے قتل کی اجازت ہے المقصود من  قتال البغاۃ دفع شرھم فاذا وجد دلیل الشر وھو اجتماعھم وتعسکرھم یجب دفھم بالقتال۔ (تبیین الحقائق:۲؍ ۲۹۴ مکتبہ امدادیہ ملتان )
ابن قدامہ حنبلی ایک جگہ قیدیوں سے متعلق بحث کر تے ہوئے لکھتے ہیں :
وہ قیدی جو خود سپر دگی سے گریز کرے اور قید کرنے والوں کے احکامات کی بجا آوری سے انکار کرے یا مقابلہ آرائی کے لئے آمادہ ہو جائے تو اسے ساتھ چلنے پر مجبور کیا جائے گا خواہ اس کے لئے طاقت کا استعمال کر نا پڑے اور اگر اس طرح سختی کارگر ثابت نہ ہو تو اسے سزائے موت دی جا سکتی ہے کیوں کہ اس کا زندہ باقی رہنا اہل کفر کے لئے باعث تقویت اور مسلمانوں کے لئے نقصان دہ ثابت ہو گا۔  (المغنی لا بن قدامہ: ۸؍۳۷۷)
اس تجزئیے سے بھی معلوم ہو تا ہے کہ کوئی قید ی جب کنٹرول سے باہر ہو جائے تو اس کو زیر اور ناتواں کرنے کے لئے مصلحتاً کوئی ایسا کام کیا جا سکتا ہے جس سے قیدی کی قوت و شوکت ٹوٹ جائے بشرطیکہ وہ کام غیر انسانی نہ ہو، ان ساری باتوں اور بحثوں پر غور کیا جائے تو قیدیوں سے متعلق دو باتیں واضح ہوتی ہیں (۱)قید کرنے کا مقصد قیدیوں کو زیر کرنا اور ان کی طاقت کو کچلنا ہے، یہ مقصد جس طرح حاصل ہو اس کے ساتھ ویسا معاملہ کیا جا سکتا ہے (۲)مجرموں کا جرم خواہ کتنا بھی سنگین ہو وہ انسان ہی رہتا ہے لہذا سزا دیتے ہوے ان کی انسانیت کا خیال رکھا جائے اور کوئی غیر انسانی سزا نہ دی جائے۔ 
دراصل اسلام انسانی حقوق اور بنیادی آزادی کے تحفظ کا پا بند کرتا ہے اور کوئی ایسے عمل کی اجازت نہیں دیتا جو حقوق انسانی اور بنیادی آزادی کو متاثر کرتا ہو جیسے انسان کے زندہ رہنے کے لئے مناسب غذا، صاف پانی کی ضرورت ہے، قیدیوں کو اس سے محروم نہیں رکھا جائے گا، اسی طرح علاج و معالجہ، حفظان صحت کے لئے ورزش و تفریح، بیوی سے جنسی تعلق وغیرہ ضروریات زندگی کی تکمیل کی انہیں مکمل اجازت ہو گی کہ یہ چیز یں انسانی حقوق میں داخل ہیں مذہبی امور میں بھی ان سے کوئی تعرض نہیں کیا جائے گا، جس مذہب کو وہ مانتا ہے اس کی یا اس مذہب کے پیشواؤں اور کتابوں کی توہین نہیں کی جائے گی اور نہ دوسرے مذہب کے قبول کرنے پر انہیں مجبور کیا جائے گا، مذہبی کتابوں کے مطالعہ، مذہبی تعلیمات کے مطابق غذا فراہم کرنا، دوسرے قیدیوں کے درمیان دعوت دین یہ سب مذہبی امور ہیں جو انسان کے بنیادی حقوق اور بنیادی آزادی میں شامل ہیں، کسی جرم کے سبب ان کے یہ حقوق ختم نہیں ہوں گے، یہی وجہ ہے کہ عام حالات میں مشرک سے اور ذمی ومستامن سے ان کے عقائد و مذہب سے تعرض کرنے سے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہے جب کہ شرک بہت بڑا جرم ہے، اس کے باوجود آپؐ نے ان کے انسانی اور بنیادی حقوق سے کوئی تعرض نہیں فرمایا۔
بنیادی حقوق میں اخبار ات پڑھنے ریڈیو سننے، فون پر احباب و اقارب سے گفتگو کرنے، دوسرے قیدیوں سے ملاقات، تعلیم اور ہنر سیکھنا بھی داخل ہے ان حقوق سے انہیں محروم نہیں کیا جائے گا البتہ فون پر بات چیت میں اگر اندیشہ ہو کہ اس کے ذریعے وہ سازش کر سکتا ہے تو اسے روک دیا جائے گا، ورنہ عام حالات میں اس کی اجازت ہو گی جیسا کہ شریعت نے عورتوں کو اجازت دی ہے کہ وہ ہفتہ میں ایک بار اپنے والدین سے اور سال میں ایک مرتبہ اپنے دیگر محارم سے ملاقات کر سکتی ہیں اور شوہر کو روکنے کا حق حاصل نہ ہو گا کیوں کہ یہ ان کا بنیادی حق ہے۔ 
فلاتخرج الالحق لھا اوعلیھا اولزیارۃ ابو یھاکل جمعۃ مرۃ اولمحارم کل سنۃ (درمختار: ۱؍۲۰۲) قیدیوں کو قید خانہ سے فرار ہونے کے خوف سے نکلنے کی اجازت تو نہ ہو گی البتہ فون پر بات چیت یا سلاخوں سے رشتہ داروں سے ملاقات سے نہیں روکا جائے گا، اسی طرح حکومت کو چاہئے کہ اخلاقی امور کی طرف بطور خاص توجہ دے مثلاً مردوں اور عورتوں کو الگ الگ قید خانے میں رکھیں تاکہ دونوں کے باہم اختلاط کے سبب مسائل پیدا نہ ہوں، اسی طرح بالغ اور نا بالغ بچوں کے قید خانے بھی الگ کئے جائیں کہ جنسی استحصال وہراسانی کی شکایت کا موقع نہ ہو، یہ تمام امور یعنی مذہبی امور، اخلاقی امور، عام سماجی حقوق جسمانی ضروریات وغیرہ انسانی حقوق میں شامل ہیں جن کی فراہمی کی شریعت نے نہ صرف اجازت دی ہے بلکہ مختلف نوعیتوں سے ان کی تاکید کی گئی ہے، چوں کہ انسان کو آزادی جیسی عظیم نعمت سے محروم رکھنا ہی ایک سخت سزا ہے، قید فی نفسہ بہت سے حقوق سے بے انتہاء محرومی کا نام ہے، اسی لئے شریعت نے مخصوص حالات ہی میں قید و بند کی سزا کی اجازت دی ہے جب یہ سزا دے دی گئی تو قید یوں کے لئے یہی سزا کافی ہے، اب مزید حقوق انسانی یا بنیادی آزادی سے محروم رکھنے کی ضرورت ہے اور نہ ہی شرعاً جائز۔
٭٭٭



مصیبت کے وقت شرعی ہدایات

حضرت انس بن مالک کا بیان ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جب اللہ تعالیٰ اپنے کسی بندے کے ساتھ بھلائی کرنا چاہتا ہے تو اس کی کوتاہیوں اور خطاؤں کی جلدی سے دنیا ہی میں کسی مصیبت میں گرفتار کر کے سزادے دیتا ہے اور جب اللہ اپنے کسی نافرمان بندے کے ساتھ برائی کا معاملہ کرنا چاہتا ہے تو اس کے گناہوں کی سزا دنیا میں نہیں دیتے، تاکہ قیامت کے دن اس کے اگلے پچھلے تمام گناہوں کی پوری پوری سزادی جائے۔ ایک دوسری روایت میں یہ بھی ہے کہ کسی بندۂ  مؤمن کے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایسا بلند مقام طے ہو جاتا ہے جس کو وہ اپنے عمل سے نہیں پا سکتا تو اللہ تعالیٰ اس کو جسمانی یا مالی تکلیف یا اولاد کی طرف سے کسی صدمہ اور پریشانی میں مبتلا کر دیتا ہے، پھر اس کو صبر کی توفیق دے دیتا ہے، یہاں تک کہ ان مصائب و تکالیف اور ان پر صبر کرنے کی وجہ سے اس کو اس بلند مقام پر پہنچا دیتا ہے جو اس کے لیے پہلے سے طے ہو چکا تھا۔ (مسند ِ احمد و ابوداؤد)
اس مضمون پر مشتمل متعدد احادیث وارد ہوئی ہیں، جن سے معلوم ہوتا ہے کہ بیماری، دکھ اور مصیبت انسان کے لیے صرف زحمت ہی نہیں بلکہ رحمت بھی ہے، ظاہری طور پر اگرچہ یہ چیزیں پریشان کن ہوتی ہیں مگر درحقیقت ان کے ذریعہ کسی خیر اور بھلائی کا فیصلہ کیا جاتا ہے، جہاں تک انسان کی نظر نہیں پہنچتی اور وہ جزع فزع میں مشغول ہو جاتا ہے، حالانکہ شریعت نے تاکید کی ہے کہ بندوں کو چاہیے کہ مصیبت کے وقت صبر و تحمل سے کام لیں، بیماری اور دوسری تکلیفوں اور مصیبتوں کو خدائی تنبیہ سمجھتے ہوئے اپنی اصلاح کی فکر اور کوشش میں لگ جائیں، اگر کوئی گناہ یا نافرمانی سرزد ہوئی ہو تو فوراً اس سے توبہ و استغفار کرنا چاہیے، اسی طرح اگر کسی کی حق تلفی ہوئی ہو تو جلد از جلد اس کی تلافی کرنی چاہیے، تاکہ دنیا ہی میں تمام حقوق ادا ہو جائیں اور آخرت میں مشکلات سے نجات مل سکے، گویا مصیبت اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ کرنے اور ایمان کی پختگی کا ایک ذریعہ ہے، مصائب و آلام کے وقت صبر کرنے کی وجہ سے نہ صرف اللہ تعالیٰ کی رضامندی اور اجر و ثواب حاصل ہوتا ہے بلکہ دل  و دماغ کو بے انتہا سکون ملتا ہے، پریشانیوں کے ہو جوم کے باوجود جب تصور کر لیا جائے کہ یہ سب اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہیں، ان کے وجود میں اللہ تعالیٰ کی مصلحت ہے اور میرے لیے ان میں خیر پوشیدہ ہے تو کوئی وجہ نہیں کہ انسان کو آرام و راحت نہ ملے۔ بلاشبہ ان خیالات کے ساتھ ہی دفعتہً مصیبتوں کا اثر ختم ہو جائے گا اور دماغ کو ٹھنڈک محسوس ہو گی۔ آج لوگ دنیاوی تدابیر واسباب میں توسرگرداں رہتے ہیں، مگر خدا کی طرف متوجہ نہیں ہوتے، اللہ تعالیٰ کا نام زبان پر آتا بھی ہے تو گستاخانہ، شکوہ و شکایت اور اظہارِ ناراضگی کے لیے، اس سے خدا کی ناراضگی اور بھی بڑھتی ہے اور اس کے نتیجہ میں مصیبتوں، دکھ اور بیماری میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔ 
یورپ اور مغربی ممالک کے پاس چوں کہ آخرت کا تصور نہیں اس لیے وہاں مصیبت کو بوجھ تصور کیا جاتا ہے، جب یہ احساس بڑھتا ہے تو بے چینی اور بے اطمینانی خودبخود بڑھ جاتی ہے اور پھر یہیں سے یوتھینز یا (Euthanasia) جیسے ناقابل بیان عمل کا آغاز ہوتا ہے، یعنی وہ مریض جو شدید تکلیف میں مبتلا ہو اور اس کے زندہ رہنے کی کوئی توقع نہ ہو، اس کو درد کم کرنے والی تیز دوا اتنی زیادہ مقدار میں دے دی جاتی ہے جس سے مریض کی سانس رک جاتی ہے یا براہِ راست کبھی کبھی زہر کا انجکشن دے دیا جاتا ہے، تاکہ گھٹ گھٹ کر مرنے کے بجائے ایک ہی دفعہ موت طاری ہو جائے، اس سے مریض کو بھی درد اور تکلیف سے نجات حاصل ہو گی اور ان تیمار داروں کو بھی جو اس کی دیکھ بھال کی وجہ سے الجھے ہوئے تھے۔ یوتھینزیا کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ مریض کی جان لینے کے لیے کوئی عملی تدبیر نہیں کی جاتی، بلکہ اسے زندہ رکھنے کے لیے جو ضروری علاج کیا جانا چاہیے وہ نہیں کیا جاتا اور اس طرح وہ مریض مر جاتا ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ صورت خودکشی یا قتل نفس کی ہے اور دونوں شرعاً حرام ہیں، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مصائب سے پریشان حال لوگوں کو موت کی تمنا سے بھی منع فرمایا۔ ارشاد ہے:
لَایَتَمَنَّیَنَّ اَحَدُکُمُ الْمَوْتُ مِنْ ضُرٍّ اَصَابَہٗ فَإنْ کَانَ لَابُدَّ فَاعِلاً فَلْیَقُلْ اَللّٰھُمَّ اَحْیِنِیْ مَاکَانَتِ الْحَیٰوۃُ خَیْراً لِیْ وَ تَوَفَّنِیْ إذَا کَانَتِ الْوَفَاۃُ خَیْراً لِیْ۔ (صحیح بخاری و مسلم) ’’تم میں سے کوئی کسی دکھ اور تکلیف کی وجہ سے موت کی تمنا اور دعا نہ کرے، اگر بالکل ہی لاچار ہو تو یوں دعا کرے کہ اے اللہ! میرے لیے جب تک زندگی بہتر ہو اس وقت تک مجھے زندہ رکھ اور جب میرے لیے موت بہتر ہو اس وقت تو مجھے دنیا سے اٹھالے۔‘‘
مصیبت پر صبر کرنے والوں کو آخرت میں اجر عظیم دینے کا وعدہ کیا گیا ہے، وہ لوگ جو دنیا کی تکلیف اور مشقتوں کو اللہ تعالیٰ کی رضامندی کے لیے برداشت کر لیں، ان کو مصائب کے عوض قیامت کے دن اتنا اجرو و ثواب دیا جائے گا کہ دنیا میں عافیت سے رہنے والے لوگ تمنا کریں گے کہ کاش! دنیا میں ہماری کھالیں قینچیوں سے کاٹی گئی ہوتیں ۔ (ترمذی) 
تیمار داروں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ ثواب کی نیت سے وہ بیماروں اور کمزوروں کی نگرانی اور خدمت کرتے رہیں، جو شخص محض کسی بیمار کی عیادت کرتا ہے اس کے لیے یہ فضیلت احادیث میں بیان کی گئی ہے کہ صبح عیادت کرنے والے کے لیے شام تک ستر ہزار فرشتے اس کے لیے دعائیں کرتے رہتے ہیں اور شام عیادت کرنے والے کے لیے صبح تک ستر ہزار فرشتے دعاؤں میں مشغول رہتے ہیں اور ایک روایت کے مطابق عیادت سے لوٹنے تک وہ مسلسل اللہ تعالیٰ کی رحمتوں اور برکتوں سے فیضیاب ہوتا رہتا ہے۔ جب عیادت کرنے والے  کا یہ ثواب ہے تو مسلسل مریض کی جھنجھلاہٹ، تلخ مزاجی اور دیکھ بھال کی مشقت برداشت کرنے والوں کے اجر  کا کیا اندازہ لگایا جا سکتا ہے؟ اسی کے ساتھ یہ تصور بھی رہے کہ اس کی بھی صحت جب خراب ہو گی اور وہ محتاج ہو گا تو غیب سے اس کے لیے بھی ایسے افراد مہیا کیے جائیں گے جو اس کو سہارا دیں گے اور مصیبت کے وقت کام آئیں گے، غرض بیمار اور تیمار دار دونوں کے لیے ہی بیماری رحمت ہے، اس سے اکتا کر خودکشی یا قتل نفس کا ارتکاب کسی بھی حال میں درست نہیں، لہٰذا شرعی نقطۂ  نظر سے یوتھینزیا کی کوئی صورت جائز نہیں ہو گی۔ فقیہ عصر حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمیؒ اس موضوع پر بحث کرتے ہوئے لکھتے ہیں : 
’’زندگی اللہ تعالیٰ کا عطیہ ہے، انسان اس کا مالک نہیں، اس لیے اسے خود کو  مار لینے کی اجازت نہیں اور نہ کسی اور کو حق ہے کہ وہ دوسروں کو ناحق قتل کرے، رہا مسئلہ تکلیف اور اذیت کا توہر تکلیف و اذیت پر صبر اور اسے اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے جھیل جانا ایمان کا تقاضہ اور آخرت میں نجات اور سعادت کا ذریعہ ہے، دوسری طرف اسلام صلہ رحمی کو واجب قرار دیتا ہے، عیادت اور تیمار داری ایک بھائی کا دوسرے بھائی پر حق ہے، ماں باپ کا بڑھاپا اولاد کے لیے جنت کی ضمانت ہے، اس لیے اپنے کسی مریض رشتہ دار ہی کی نہیں بلکہ کسی بھی مریض انسان کی خدمت اور تیمار داری آخرت کی نجات کا ذریعہ ہے، پس مریض کو مرض کی اذیت ہو یا مریض کی تیمار داری میں اٹھائی جانے والی تکلیف، دونوں ہی نعمت ہیں، رحمت ہیں، سعادت و نجات کا ذریعہ ہیں، مؤمن کو اس سے خوشی ہوتی ہے، لیکن اس ساری صورتِ حال کا تعلق آخرت کے عقیدہ سے ہے، جن کو آخرت پر یقین ہی نہ ہو، جو اس زندگی کو ہی سب کچھ سمجھتے ہوں، جن کے لیے یہاں کی راحت ہی راحت ہے اور یہاں کی تکلیف ہی تکلیف ہے، وہ تکلیف کیوں اٹھائیں، وہاں تو بستی کی بستی اجاڑ دی جا سکتی ہے کہ زندگی مشکل اور گراں بار ہو گئی ہے۔‘‘ (مباحث ِ فقہیہ: ۷۷۳)
مسلمانوں کے پاس آخرت اور روز ِ قیامت کا تصور ہے اور یہ ایسی طاقت ہے کہ تباہ کن مصائب اور حوادثات کے وقت بھی دل بے چین نہیں ہوتا، انہیں یقین ہے کہ انسان صرف تدابیر کا مالک ہے تقدیر کا نہیں اور تقدیر ہمیشہ تدبیر پر غالب رہتی ہے، ہزار جتن کے باوجود وہی ہو گا جو مرضی ٔ الٰہی ہے، اس کے ارادے اور خواہش کے بغیر کائنات کا ایک ذرّہ بھی حرکت نہیں کرسکتا، اسی لیے مولانا محمد علی جوہرؔ نے کہا ہے:
ہر رنگ میں راضی بہ رضا ہو تو مزا دیکھ
دنیا ہی میں بیٹھے ہوئے جنت کی فضا دیکھ
٭٭٭




علماء و صلحاء کی مجلس اختیار کیجیے


صحبت کے اثر سے کسی کو انکار نہیں، یہ حقیقت ہے کہ اچھوں کی صحبت سے انسان اچھا بنتا ہے اور بروں کی صحبت سے برا، فارسی مثل مشہور ہے صحبت ِ صالح ترا صالح کند و صحبت ِ طالح ترا طالح کند یعنی صالح اور نیک لوگوں کی صحبت تجھے نیک بنائے گی اور برے افراد کی ہم نشینی، ان کے ساتھ میل جول سے تم میں برے اور ناپاک خیالات جنم لیں گے، تمہاری روش اور چال چلن خراب ہو جائے گا، شب و روز کا مشاہدہ بھی ہے کہ کوئی بچہ یا جوان فطری طور پر نیک طبیعت ہو، جب اس کو غلط ماحول مل جاتا ہے، تو رفتہ رفتہ وہ بھی اسی رنگ میں ڈھلنا شروع ہو جاتا ہے، وہی بچہ جو گالی کے نام سے واقف نہیں تھا، برے اور شریر بچوں کی صحبت میں اس کی زبان فحش گالیوں سے آلودہ ہو جاتی ہے، وہی نوجوان جس کو ٹی وی کے نام سے نفرت تھی، چند دنوں سنیما باز دوست و احباب کی ہم نشینی اسے بھی سنیما اور عریاں فلموں کا عاشق بنا دیتی ہے اسی لیے یہ امر واقعہ ہے جو جس طرح کے دوست و احباب کی صحبت اور میل جول اختیار کرے گا وہی جذبات و خیالات اور وہی ذوق و رجحان اس میں بھی پیدا ہو گا جو دوست میں ہے اور پسند و ناپسند کا وہی معیار اس کا بھی بنے گا جو اس کے دوست کا ہے، اس لیے آدمی کو دوست اور مجالس کے انتخابات میں انتہائی غور و فکر سے کام لینا چاہیے اور قلبی لگاؤ ایسے افراد سے بڑھانا چاہیے جن کا ذوق و رجحان، افکار و خیالات اور دوڑ و دھوپ دین و ایمان کے تقاضوں کے مطابق ہو، جو طبیعت کے نیک اور مزاج کے اچھے ہوں، اگر ان کی نیکی اور صلاح و تقوی مکمل طور پر منتقل نہ بھی ہوا تو کچھ حصہ ضرور اسے حاصل ہو گا، خوشبو کی دکان میں بیٹھنے والا کبھی محروم نہیں ہوتا، خوشبو نہیں بھی خریدا تو مہک ضرور آئے گی، نبی ٔ اکرم ا نے اچھے اور برے دوست سے تعلق کی کیفیت کو ایک بلیغ تمثیل میں یوں بیان فرمایا ہے : 
’’ اچھے اور برے دوست کی مثال مشک بیچنے والے اور بھٹی دھونکنے والے لوہار کی طرح ہے، مشک بیچنے والے کی صحبت سے تم کو کچھ فائدہ ضرور پہنچے گا یا مشک خریدو گے یا مشک کی خوشبو پاؤ گے لیکن لوہار کی بھٹی تمہارا گھر یا کپڑے جلائے گی یا تمہارے دماغ میں اس کی بد بو پہنچے گی۔‘‘ (بخاری و مسلم ) ابو داؤد میں اسی کو دوسرے الفاظ میں بیان کیا گیا ہے کہ نیک دوست کی مثال ایسی ہے جیسے مشک بیچنے والے کی دکان کہ اور کچھ فائدہ نہ بھی ہو تو خوشبو ضرور آئے گی اور برا دوست ایسا ہے جیسے بھٹی سے آگ نہ لگے تب بھی دھوئیں سے کپڑے تو ضرور کالے ہو جائیں گے۔  
علماء و صلحاء کی مجلس اور صحبت اختیار کرنے والے کبھی ناکام نہیں ہوتے، ان کا علم و تقوی حاصل نہ بھی ہو تو اللہ کی یاد کچھ دیر کے لیے ضرور دل میں پیدا ہو گی، دنیا سے دل و دماغ ہٹ کر آخرت کی طرف لگ جائے گا، چند لمحوں کے لیے ہی سہی، یہ آخرت پر ایمان رکھنے والوں کے لیے بڑی نعمت ہے، اصحاب کہف جن کا پورا واقعہ سورہ کہف میں بیان کیا گیا ہے، وہ جب اپنے ایمان و توحید کے تحفظ کے لیے گھر سے نکلے تو ایک کتا بھی ساتھ ہو گیا، ان نفوس قدسیہ نے ایک غار میں پناہ لی تاکہ ظالم بادشاہ اور اس کے حواریین کی نظر ان پر نہ پڑے، قدرت کی جانب سے ان خدا ترس نوجوانوں کی حفاظت کا مکمل انتظام کیا گیا، صدیوں ان پر نیند طاری کر دی گئی، جب بیدار ہوئے تو حکمراں بدل چکا تھا، مخالف حالات کا خاتمہ ہو چکا تھا، ان نوجوانوں کے ساتھ ساتھ جو کتا گیا تھا وہ اس غار کے دہلیز پر بیٹھا رہا۔  اس پر بھی نیند طاری ہو گئی، قرآن نے بڑی تفصیل سے دلچسپ انداز میں اس واقعہ کو بیان کیا ہے، ان بزرگوں اور نیک نوجوانوں کا تذکرہ تو ہے ہی، اس کتے کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے جو ان کے ساتھ گیا تھا، ارشاد ہے : وَکَلْبُہُمْ بَاسِطٌ ذِرَاعَیْہِ بِالْوَسِیْطِ (سورہ کہف، آیت ۱۸) ’’ اور ان کا کتا دہلیز پر اپنے دونوں ہاتھ پھیلائے ہوئے بیٹھا تھا۔ ‘‘ 
شیخ ابو الفضل جوہری فرماتے تھے کہ جو شخص نیک لوگوں سے محبت کرتا ہے ان کی نیکی کا حصہ اس کو بھی ملتا ہے، دیکھو اصحاب کہف کے کتے نے ان سے محبت کی اور ساتھ لگ گیا تو اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں اس کا ذکر فرمایا ( قرطبی ۱۰/۲۴۲)
قرآن مجید میں برسبیل ِ خیر کسی کا تذکرہ یقیناً بڑی عزت و شرف کی بات ہے، زمانۂ  ماضی میں بیتے ہوئے کسی واقعہ کو قرآن میں حصول عبرت کے لیے پیش کیا جاتا ہے، نوجوان صلحاء جنہوں نے ایمان کی حفاظت کے لیے گھر بار چھوڑ دیا، بلاشبہ تمام مسلمانوں کے لیے اس میں بڑی عبرت ہے، اسی لیے قرآن مجید میں ان افراد کا تذکرہ کیا گیا مگر ساتھ میں کتا بھی تھا، تو ان نیک لوگوں کے تذکرے کے ساتھ اس کتے کا بھی تذکرہ آ گیا جو یقیناً اس کتے کے لیے شرف کی بات ہے، جب ایک کتا صلحاء اور اولیاء کی صحبت سے یہ مقام پا سکتا ہے تو آپ قیاس کر لیں کہ مؤمنین و موحدین جو اولیاء اللہ اور صالحین سے محبت رکھیں، ان کا مقام کتنا بلند ہو گا۔  
رسول اکرم ا نے اہل دل علماء اور صلحاء سے محبت رکھنے والے اور ان کی ہم نشینی اختیار کرنے والوں کو کامیابی کی بشارت دی ہے، آپ کا ارشاد ہے ہُمُ الْقَوْمُ لَایَشْقٰی بِہِمْ جلیسُہُمْ یعنی یہ ایسے مقبولان حق ہیں کہ ان کے پاس بیٹھنے والا محروم اور شقی نہیں رہ سکتا، حافظ ابن حجر عسقلانی نے شرح بخاری ’’فتح الباری ‘‘ میں اس حدیث کی تشریح کرتے ہوئے لکھا ہے اِن جلیسہم یندرج معہم فی جمیع ما یتفضل اللہ بہٖ علیہم اکراماً لہم یعنی اہل اللہ اور صالحین کی صحبت میں بیٹھنے والا انہیں کے ساتھ درج ہو جاتا ہے، ان تمام نعمتوں میں جو اللہ تعالیٰ اللہ والوں کو عطا فرماتا ہے اور یہ دراصل اہل اللہ کا اکرام ہے، جیسے معزز مہمان کے ساتھ ان کے ادنیٰ خدام کو بھی وہی اعلی نعمتیں دی جاتی ہیں جو معزز مہمان کے لیے خاص ہوتی ہیں، اس کے پیش نظر اہل اللہ کے جلیس و ہم نشیں کو بھی ان کی برکت سے محروم نہیں فرماتے۔  اگر اللہ والوں کے مکمل اوصاف حاصل نہ بھی ہوئے تو ان کی صحبت کی برکت سے ضرور اپنے گناہوں پر ندامت ہو گی اور توبہ نصیب ہو گی، کبر اور علو کے بجائے تواضع اور ایثار کا جذبہ پیدا ہو گا، بلاشبہ علماء و صلحاء کی مجالس میں بیٹھنے اور ان کی باتوں کو سننے سے دل میں گداز پیدا ہوتا ہے، پتھر کی طرح سخت سے سخت دل بھی موم بن جاتا ہے اور اس قابل ہو جاتا ہے کہ اس میں صلاح و تقوی کی بیج ڈالی جا سکے، سیرت پر نظر رکھنے والوں کو علم ہو گا کہ صحابۂ  کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کو جو بھی مقام و مرتبہ حاصل ہوا وہ رسول اکرم ا کی صحبت کا فیض تھا، وہی حضرت بلالؓ  جو پہلے غلام تھے حبشہ سے آئے تھے، شکل و صورت بھی اچھی نہیں تھی لیکن جب انہوں نے کلمہ پڑھ لیا اور حضور ا کی مبارک صحبت اختیار کی تو وہ دنیا کے امام بن گئے، حضرت عمر فاروق ص جیسے جلیل القدر صحابی بھی ان کو یا سیدنا کہہ کر مخاطب فرماتے، ان کے علاوہ بھی جتنے صحابۂ  کرامؓ کے فضائل و مناقب کتب حدیث میں موجود ہیں، سب کا تعلق رسول اکرم ا کی پاک صحبت اور عشق و محبت سے ہے، یہی کیا کم ہے کہ کسی تفریق کے بغیر اللہ تعالیٰ نے آپ ا کے فیضان صحبت اور مجالس کی بنیاد پر تمام صحابۂ  کرامؓ کے لیے اپنی خوشنودی کا اعلان فرما دیا۔ 
حضرت انس ص کا بیان ہے کہ میں اور رسول اکرم ا ایک روز مسجد سے نکل رہے تھے، مسجد کے دروازے پر ایک شخص ملا اور یہ سوال کیا کہ یا رسول اللہ! قیامت کب آئے گی ؟ آپ نے فرمایا کہ ’’ تم نے قیامت کے لیے کیا تیاری کر رکھی ہے۔ ‘‘ ( جو اس کے آنے کی جلدی کر رہے ہو۔ ) یہ بات سن کر یہ شخص دل میں کچھ شرمندہ ہوا اور عرض کیا کہ ’’میں نے قیامت کے لیے بہت نماز، روزے اور صدقات تو جمع نہیں کیے مگر میں اللہ اور اس کے رسول ا سے محبت رکھتا ہوں، آپ ا نے فرمایا! کہ ’’ اگر ایسا ہے تو سن لو! تم قیامت میں اس کے ساتھ ہو گے جس سے محبت رکھتے ہو۔‘‘ حضرت انس ص فرماتے ہیں کہ ’’ہم یہ جملۂ  مبارکہ سن کر اتنے خوش ہوئے کہ اسلام لانے کے بعد اس سے زیادہ خوشی کبھی نہ ہوئی تھی۔ ‘‘ اور اس کے بعد حضرت انس ص نے فرمایا کہ ’’ میں اللہ سے اس کے رسول ا سے ابو بکر و عمر رضی اللہ عنہما سے محبت رکھتا ہوں، اس لیے امید وار ہوں کہ میں قیامت کے دن ان کے ساتھ رہوں گا۔ ‘‘ ( الترغیب والترہیب ۴/۲۵) اس حدیث میں ان تمام لوگوں کے لیے خوشخبری ہے جو اولیاء اللہ، صلحاء، علماء اور نیک افراد سے دوستی اور محبت رکھتے ہیں، کسی نہ کسی نوعیت سے جن کا ان سے قلبی لگاؤ اور تعلق ہے، امید رکھنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ ان اصحاب ِ خیر و تقوی کے طفیل میں ہمیں بھی بخش دے گا کہ قدرت کو مغفرت و بخشش کے لیے صرف بہانہ چاہیے، وہ بڑا غفور ہے اور رحیم بھی، اس لیے علامہ منذری حدیث ِ مذکور کے ذیل میں لکھتے ہیں کہ اگر حضرت انس کو اللہ اور اس کے رسول اور ابو بکر و عمر سے محبت رکھنے کی وجہ سے مغفرت کی امید ہے اور یقیناً ان کو بڑا مقام حاصل ہوا تو ہمیں بھی اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ تمام صحابۂ  کرامؓ، تابعینؒ اور تبع تابعینؒ سے بے پناہ عقیدت و محبت ہے، اس لیے ہم بھی قیامت کے دن اپنی بخشش کی امید رکھتے ہیں ۔  ( دیکھئے حاشیہ نمبر ۱ الترغیب والترہیب ۴/۲۵ ) 
ایک دوسری حدیث میں نبی ٔ اکرم ا نے تاکید فرمائی کہ مومن اور متقی ہی سے رشتۂ  محبت استوار کرو اور اسی کے ساتھ اپنا کھانا پینا رکھو، آپ کا ارشاد ہے لَا تُصاحب اِلا مؤمنا ولا یاکل طعامک اِلا تقی ( ابن حبان ) ’’ مومن ہی کی صحبت میں رہو اور تمہارے دستر خوان پر پرہیزگار ہی کھانا کھائے۔‘‘ ایک دستر خوان پر بیٹھ کر کھانا پینا قلبی تعلق اور محبت کا فطری محرک ہے اور یہ تعلق و محبت اُسی مومن سے ہونا چاہیے جو متقی اور پرہیز گار ہو، کیوں کہ خدا سے غافل، غیر ذمہ دار، بے عمل اور بد اخلاق و دنیا دار لوگوں سے محبت کرنے اور میل جول رکھنے سے وہی کیفیت اس کے اندر بھی پیدا ہو گی اور اس کے برے اثرات مرتب ہوں گے، یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مختلف آیات میں نافرمان اور برے لوگوں سے رفاقت اور دوستی سے منع فرمایا ہے، سورہ ممتحنہ آیت ۱۳ میں ارشاد ہے ’’اے ایمان والو ! جن لوگوں سے اللہ ناراض ہے ان سے دوستی مت کرو وہ آخرت سے ناامید ہیں جیسا کہ کفار نے قبر والوں سے آس توڑ دی۔‘‘ یعنی مومن کی شان نہیں کہ جس پر خدا ناراض ہو اس سے دوستی اور رفاقت کا معاملہ کرے، جس پر خدا کا غصہ ہو خدا کے دوستوں کا بھی غصہ ہونا چاہیے، یہ آیت اگرچہ منکرین آخرت کے لیے ہے مگر اس کے مفہوم میں وسعت دیتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ نافرمان اور احکام الٰہی سے منہ موڑنے والے بندوں کے بارے میں یہی ہدایت ہے کہ ان سے دوستی اور تعلق نہ رکھا جائے۔  
افسوس کہ …! علماء، اہل تقوی اور صلحاء سے عوام کا فاصلہ بڑھتا جا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ روز بروز فتنہ و فساد کم ہونے کے بجائے بڑھتا جا رہا ہے، سارے جلسے جلوس اور دینی محفلوں کے انعقاد کے باوجود ماحول اور معاشرہ میں اسلامی جھلک ہے اور نہ مسلمانوں میں اسلامی ذہنیت اور نہ فکر ِ آخرت اور خدا پانے کی تڑپ۔ ضرورت ہے کہ علماء صلحاء اور مذہبی قائدین عوام کو اعتماد میں لائیں اور عوام ان سے تعلقات استوار کریں کہ اس کے بغیر افادہ اور استفادہ کی راہ ہموار نہیں ہوسکتی۔
٭٭٭



بزرگوں سے اصلاحی تعلق قائم کیجیے!

رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کا ایک مقصد قرآن کریم نے تزکیۂ  قلب بیان کیا ہے، ارشاد باری ہے ھُوَ الَّذِیْ بَعَثَ فِی الْاُمِّیّٖنَ رَسُوْلاً مِّنْھُمْ یَتْلُوْعَلَیْھِمْ اٰیٰتِہٖ ویُزَکِّیْھِمْ وَ یُعَلِّمُھُمُ الْکِتٰبَ وَ الْحِکْمَۃَ۔ (سورہ جمعہ، آیت: ۲)’’ وہی ہے وہ ذات جس نے ان پڑھوں میں انہی میں کا ایک رسول بھیجا جو ان کے سامنے اس کی آیتوں کو پڑھ کر سناتا ہے، ان کا تزکیہ کرتا ہے اور ان کو کتاب و حکمت کی تعلیم دیتا ہے۔‘‘
تزکیۂ  قلب دل کی پاکی کو کہا جاتا ہے یعنی انسان کے دل و دماغ کو بے حیائی اور دنیوی آلائشوں سے پاک کر کے اس میں خوفِ آخرت اور اللہ کی محبت پیدا کی جائے، عام طور پر انسانی نفوس کا رجحان ان چیزوں کی طرف ہوتا ہے جو شریعت کے خلاف ہیں، جن میں نفس کو لطف اور مزہ آتا ہے، ان رجحانات کو موڑ کر نفس کو رشد و ہدایت اور خیر پر لگانے کی محنتوں کو تصوف و سلوک اور تزکیہ سے تعبیر کیا جاتا ہے، شریعت میں تزکیے کی بڑی اہمیت ہے، اس لیے کہ اگر انسان کا دل پاک ہو جائے، سوچ و فکر قرآنی اصول کے سانچے میں ڈھل جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ معاشرہ صالح اور نیک نہ ہو۔ زناکاری، شراب نوشی، ظلم و زیادتی، چوری، ڈاکہ زنی اور ہزار طرح کے جرائم اس لیے وجود میں آتے ہیں کہ دل میں اللہ کا خوف ہے اور نہ آخرت پر یقین، خدا کی قدرت اور وجود کا تصور بلاشبہ بڑے سے بڑے گناہ کے عادی انسان کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں اور پاؤں میں بیڑیاں لگا دیتا ہے، پھر وہ اس طرح سنور جاتا ہے کہ رات کے سناٹے میں بھی اس کا ذہن کسی برائی کی طرف نہیں جاتا، دولت کے خزانے میں بھی رہ کر دل میں خیانت کا تصور نہیں آتا۔  بے حیائی کے تمام اسباب و وسائل موجود ہوں، پھر بھی طبیعت اس پر آمادہ نہیں ہوتی، یہی وجہ ہے کہ قرآن نے تزکیۂ  قلب پر بڑا زور دیا ہے۔  سورہ الاعلیٰ آیت ۱۴میں ارشاد فرمایا گیا قَدْ اَفْلَحَ مَنْ تَزَکیّٰ ’’ تحقیق کہ وہ شخص کامیاب ہو گیا جس نے اپنا تزکیہ کیا‘‘ یہی مفہوم سورہ الشمس آیت ۹ میں ان کلمات میں بیان کیا گیا ہے قَدْ اَفْلَحَ مَنْ زَکّٰھَا وَقَدْخَابَ مَنْ دَسّٰھَا ’’بلاشبہ وہ آدمی کامیاب ہو گیا جس نے اپنے نفس کو سنوارا اور ناکام ہوا جس نے اس کو خاک میں ملایا یعنی خواہشات نفس کی پیروی کی‘‘ ان دونوں آیات میں غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ کامیابی اور فوزو صلاح تزکیۂ  قلب کے ساتھ مربوط ہے، دل پاک و صاف ہے تو اخروی نعمتیں استقبال کریں گی، دنیا میں سکون و اطمینان، رعب و دبدبہ، عزت اور بلند مقام تو حاصل ہو گا ہی اسی کے ساتھ جنت کی ابدی راحت رساں چیزیں سامنے حاضر ہوں گی، وہ جب اور جس طرح چاہے گا کھائے گا اور مزے لے گا، اللہ کی رضامندی اس کو مکمل طور پر حاصل ہو گی کہ اس نے اسی کے خوف سے نفسانی خواہشات کو ترک کیا ہے۔
عرب قوم جس کے درمیان رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت ہوئی تھی، پلے، بڑھے اور جوان ہوئے یقیناً وہ ایک خونخوار اور جنگ جو قوم تھی، تہذیب و تمدن سے نابلد، برائیوں کے خوگر، معرفت ِ الٰہی سے کوسوں دور اور طبیعت کے اعتبار سے انتہائی سخت اجڈ اور گنوار تھی، نبی ٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی نظر کرم نے ان کو ایسا بدلا کہ ساری دنیا کے لیے وہ ہدایت کے چراغ بن گئے، جو پہلے گنوار تھے مہذب بن گئے، مشرک تھے موحد ہو گئے، سخت تھے نرم ہو گئے، جو پہلے بے حیثیت تھے وہ دنیا کے امام بن گئے، حضرت ابوبکر صدیق ؓ کو صدیقیت کا مقام نہ ملتا اگر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی معیت نصیب نہ ہوتی، حضرت عمر فاروقؓ کو فاروق، حضرت عثمان غنیؓ کو غنی اور ذوالنورین (دو روشنی والے) اور حضرت علیؓ کو شیر خدا کا خطاب اور اعزاز رسولِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت اور محبت کا اثر ہے، حضرت بلال حبشیؓ اور حضرت سلمان فارسیؓ عرب کے باہر سے تشریف لائے، کوئی تعارف اور سناشائی  نہیں، پہلے غلام تھے لیکن اللہ اور اللہ کے رسولؐ کی محبت و صحبت نے انہیں وہ مقام عطا کیا کہ تمام مسلمانوں کے وہ چہیتے اور سردار بن گئے۔ بقول کسی شاعر   ؎
خود نہ تھے جو راہ پہ اوروں کے ہادی بن گئے
 کیا نظر تھی جس نے مردوں کو مسیحا کر دیا
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد صحابہؓ، تابعین، تبع تابعین اور پھر اولیاء اللہ اور بزرگانِ دین کی مجالس اور صحبت میں وہ تاثیر پائی جاتی ہے جس سے سخت سے سخت انسان کا دل بھی موم بن جاتا ہے، اللہ کا خوف اور آخرت کی تڑپ پیدا ہوتی ہے، فطری طورپرانسانوں کے اندر تکبر ہے، حسد ہے، بغض ہے، حُبّ ِ دنیا ہے، آخرت سے بے فکری ہے، گناہوں سے دلچسپی ہے، اس طرح کے تمام گندے اوصاف شیطانوں کے مکروفریب اور ان کے بہکاوے سے پیدا ہوتے ہیں، صلحاء اور بزرگان دین مدتوں ریاضت سے جن کے نفوس منجھے ہوئے ہوتے ہیں، وہ شیطان کے مکر و فریب کو اچھی طرح جانتے ہیں، ان بزرگوں کی صحبت جو اختیار کرتا ہے اور ان کے توسط سے جو ہدایت حاصل کرنا چاہتا ہے یہ نفوسِ قدسیہ ان کو شیطان اور نفس سے بچنے کی تدبیریں بتاتے ہیں، اگر ان کی ہدایات پر عمل کیا جائے تو بہت جلد نفس کے عیوب اور رذائل کا ازالہ ہو جاتا ہے اور ان کے فیضِ صحبت سے انسان اخلاقِ فاضلہ، معرفت ِ الٰہی، خوفِ خدا، آخرت کی طرف رغبت کی صفات سے متصف ہوتا ہے۔  پھر وہ کہیں بھی رہے اللہ کی قوتِ گرفت کا احساس ہمیشہ ساتھ رہتا ہے اس کو صوفیا کی اصطلاح میں تصوف و سلوک کہا جاتا ہے۔
تصوف و سلوک اورتزکیۂ  قلب دونوں ایک چیز ہے، جب دل پاک ہو گا تو خود بخود اللہ کی طرف میلان بڑھے گا، خدا سے قرب دل کی صالحیت پر موقوف ہے، شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریاؒ سے کسی نے پوچھا کہ یہ تصوف کیا بلا ہے؟ حضرت نے فرمایا: اس کی ابتدا ’’انما الاعمال بالنیات‘‘(اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے) سے ہے اور انتہا ’’ان تعبد اللّٰہ کانّک تراہ‘‘ ( اللہ کی اس طرح عبادت کرو کہ گویا تم اسے دیکھ رہے ہو) پر ہے، بظاہر یہ صرف دو جملے ہیں مگر تصوف و سلوک کا خلاصہ اس میں بیان کر دیا گیا ہے۔ یعنی انسان ہزار عمل کرے، اگر نیت درست نہیں ہے تو کوئی بھی عمل مفید نہیں، اس لیے تصوف کے طالب علم کو سب سے پہلے تصحیحِ نیت کی ترغیب دی جاتی ہے، یہاں سے اس کے سفر کا آغاز ہوتا ہے، جب نیت درست ہو گئی تو اللہ کی رحمتوں کا نزول شروع ہو جاتا ہے، معرفت ِ الٰہی کا یہ راستہ انسان کو اس مرتبہ تک پہنچا دیتا ہے کہ عبادت کرتے ہوئے معبود کو گویا وہ اپنی نظروں سے دیکھ رہا ہے، کسی کو جب یہ مقام حاصل ہو جائے تو پھر اس کی شرافت و سعادت کا کیا کہنا، تصوف کا مقصود اصلی شریعت پر چلنا ہے، شریعت کو چھوڑ کر طریقت کی کوئی حیثیت نہیں، حضرات مشائخ نے جو اصلاح نفس کے لیے کچھ تدبیریں اور طریقے تجویز کیے ہیں یہ مقاصد نہیں، وسائل ہیں ۔ ان کی صحبت اور نظروں میں رہ کر آدمی کامل انسان بنتا ہے جس کا خدا نے حکم دیا ہے اور شریعت میں جو مطلوب و مقصود ہے۔
یہ حقیقت ہے کہ پہلے کے مقابلے میں آج مصروفیت بڑھتی جا رہی ہے، وقت تنگ ہو گیا ہے، لوگوں کو اتنی فرصت نہیں کہ از خود تصوف و سلوک کی راہ پر چل کر کامیابی حاصل کی جائے، یہ ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے، اس لیے بہتر یہ ہے کہ اہل دل علماء، صلحاء اور اولیاء اللہ سے اصلاحی تعلق قائم کیا جائے، ان کی رہنمائی اور قرآن و سنت کی روشنی میں دئیے گئے خطوط پر عمل آوری سے ایک شخص بہت جلد اس راہ کی مسافت کو طے کرسکتا ہے۔ جب بھی وقت ملے فرصت پاکر بزرگان دین کی مجالس سے استفادہ کرنا چاہیے۔  اللہ کے ولی کا اللہ سے بڑا قرب ہوتا ہے، ان کے مجاہدہ و ریاضت کی برکت سے اللہ تعالیٰ نے ان کی مجالس، صحبت اور نظروں میں تاثیر رکھی ہے، جو محض مطالعہ، وعظ و تقریر، مال و زر یا شخصی محنت سے حاصل نہیں ہوسکتی، مشہور شاعر اکبر الٰہ آبادی نے اس مفہوم کو اس طرح ادا کیا ہے۔
نہ کتابوں سے نہ کالج کے ہے در سے پیدا ٭ دین ہوتا ہے بزرگوں کی نظر سے پیدا
پاکستان کے مشہور عالم دین حضرت مولانا حکیم محمد اختر صاحب زید مجدہ نے ایک موقع پر فرمایا:
’’آج ہمارا حال مختلف ہے، اللہ والوں کی مجلس سے ہم بھاگتے ہیں، ہم جس ماحول میں رہتے ہیں وہ گناہ و عصیان کا ماحول ہے، گردو پیش سے عام انسان تو عام انسان ہے، ’’ولی ‘‘ بھی متاثر ہو جاتا ہے، سنیما اور گانوں کی آواز، دنیا کی فحاشی یہ سب کچھ انسان کو متاثر کرتے ہیں ۔ صحابہؓ  کا عاد و ثمود کی بستی سے جب گزر ہوا تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے منہ چھپالیا اور صحابہ کو جلدی سے گزر جانے کے لیے فرمایا، دیکھئے ماحول کا اثر، حضورؐ کی نگاہ میں کس قدر اہمیت کا حامل ہے، اگر اثر کا خوف نہ ہوتا تو جلدی سے کیوں گزرتے؟ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ برے ماحول سے کٹ کر اللہ والوں کی مجلس میں بیٹھو، نورانیت پیدا ہو گی اور اچھے اثرات پڑیں گے۔ (باتیں ان کی یاد رہیں گی صفحہ ۳۵، از مولانا محمد رضوان القاسمیؒ)
یہ واقعہ ہے کہ انسان جس طرح کی صحبت اختیار کرتا ہے، مزاج، طبیعت، رجحان ویسے ہی بن جاتا ہے، بزرگوں کی صحبت میں اگر کوئی مکمل بزرگی اختیار نہ بھی کرے، پھر بھی کچھ دیر کے لیے ہی سہی ضرور اس کے دل میں آخرت کی فکر پیدا ہو گی، اپنے گناہوں پر شرمندگی محسوس ہو گی اور دل میں اللہ کا خوف پیدا ہو گا، بزرگوں کی نظر میں وہ کیمیائی اثر ہے جو بہت جلد انسان کو متاثر کرتا ہے، گنہگار اپنے گناہوں سے توبہ کر لیتے ہیں اور نیکوکار کی رفتارِ عمل دو چند ہو جاتی ہے۔ حضرت مولانا حکیم محمد اختر صاحب نے اس کی چار وجوہات بیان کی ہیں جو یقیناً پڑھنے کے قابل ہیں ۔ ایک موقع پر فرمایا: اہل اللہ کی صحبت اختیار کیجئے ان کی صحبت بابرکت سے چار و جہوں سے فیض حاصل ہوتا ہے:
(۱)  پہلی وجہ نقل ہے، یعنی انسان اپنی فطرت کے اعتبار سے نقال واقع ہوا ہے، جب آپ اہل اللہ کی صحبت میں رہیں گے اور شب و روز ان کے طریقۂ  مناجات، ان کے طریقۂ  فریاد ان کے آداب و اخلاق اور خدا کے حضور ان کے رونے اور گڑگڑانے اور نالۂ  نیم شبی کو دیکھیں گے تو ممکن نہیں کہ آپ ان صفاتِ عالیہ کو اپنے اندر جذب کرنے کی کوشش نہ کریں ۔ آپ کی نقال طبیعت یقیناً ان اعمال میں نقل کی سعی کرے گی۔
(۲)  دوسری وجہ صحبت کی عام برکت ہے۔  اگر کوئی اہل اللہ کی صحبت میں بغیر کسی خاص ذہن و فکر کے آئے اور کوئی غرض بھی ہو جب بھی وہ اس کی برکت کو محسوس کرے گا اور آہستہ آہستہ ان کی مقناطیسی شخصیت اپنی طرف کھینچتی رہے گی۔
(۳)  تیسری وجہ معرفت ہے۔  یعنی ان کی صحبت سے اللہ کی معرفت حاصل ہوتی ہے۔ نفس اور شیطان سے مقابلہ کرتے ہوئے اسے کس طرح مغلوب کیا جائے ؟ ان کی صحبت سے اس کا فن آتا ہے۔  نفسانی اور شیطانی مکر و فریب سے ایک انسان خوب واقف ہو جاتا اور ان سے بچنے کی تدبیروں سے اچھی طرح آگاہ ہو جاتا ہے۔
(۴)  چوتھی وجہ دعا ہے، یعنی یہ جہاں ساری اُمت کے لیے دعا کرتے ہیں وہاں خصوصیت کے ساتھ اپنے متعلقین اور مریدوں کے لیے دعا کرتے ہیں ۔ بارگاہِ الہیٰ میں ان کی مخلصانہ دعا بہرحال قبولیت کی تاثیر رکھتی ہے۔
ان چار وجوہ کے علاوہ مولانا رومیؒ ایک اور وجہ بیان کرتے ہیں ۔ وہ یہ کہ دلوں میں سے دلوں میں خفیہ راستے ہوتے ہیں ۔ غیر مرئی طور پر اللہ والوں کے دلوں کی ایمانی طاقت ان کے ہم نشینوں پر اثر کرتی ہے اور ان کے طاقتور یقین کا نور ان کے جلیسوں کے ضعیف اور کمزور یقین کو توانائی بخشتا اور نورانی بناتا رہتا ہے۔
مولانا رومیؒ اس کی مثال دیتے ہوئے فرماتے ہیں کہ دیکھو، دو چراغ ہوتے ہیں، ان کا وجود اور جسم ایک دوسرے سے الگ ہوتا ہے مگر فضاء میں دونوں کے نور ایک ہوتے ہیں، ان میں کوئی علاحدگی نہیں ہوتی اسی طرح اللہ والے کا جسم اور تمہارا جسم تو الگ الگ ہے مگر ان کے دل کانور تمہارے ضعیف نور کو کامل کر دے گا اور درمیان میں جسم حائل نہیں ہوسکے گا۔(باتیں ان کی یاد رہیں گی: ۱۳۸)
لیکن واضح رہے کہ کسی بھی مرشد اور اللہ کے ولی کی صحبت سے اسی وقت فائدہ ہوسکتا ہے جب کہ استفادے کی سچی تڑپ ہو، اس کے لیے ان بزرگوں کے کڑوے کسیلے جملے بھی سننے کے لیے اپنے آپ کو آمادہ کرنا ہو گا، طالب علم اگر معلم کی سختی برداشت نہ کرے تو علم حاصل نہیں ہوسکتا، تصوف کی کتابوں کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ جن لوگوں نے اپنے کو کسی کامل اور ماہر کے حوالے کیا، ان کی حالت ہی بدل گئی۔
حضرت خواجہ عزیز الحسن صاحب مجذوبؒ جب خانقاہ تھانہ بھون میں تھے کچھ بے اصولی کی بناء پر حضرت حکیم الاُمّت مولانا تھانویؒ نے حضرت خواجہ صاحب کو خانقاہ سے نکال دیا۔ ان کے اندر سچی تڑپ اور محبت تھی۔ یہ پھاٹک سے نکل کر فٹ پاتھ پر لیٹ گئے۔ لوگوں نے ان سے کہا کہ آپ کو حضرت تھانویؒ نے جب نکال دیا ہے تو اب آپ اپنے گھر چلے جائیے۔ حضرت خواجہ صاحب نے فرمایا کہ یہ تو ان کی جگہ نہیں ہے، یہ جگہ تو سرکاری ہے، میں یہاں سے کیوں چلا جاؤں اور ایک شعر پڑھا کرتے کہ  : 
اُدھر وہ دَر نہ کھولیں گے  ٭  اِدھر میں دَر نہ چھوڑوں گا
حکومت اپنی  اپنی ہے   ٭  کہیں ان کی کہیں میری
غرض کہ حضرت خواجہ صاحب پر حضرت تھانویؒ کو پھر ترس آیا کہ بے چارے کے اندرسچی طلب ہے۔  پھر چند ہی دنوں کے بعد جب تاجِ خلافت لیے ہوئے خانقاہ سے نکل رہے تھے تو یوں فرماتے ہوئے گئے کہ    ؎
نقش بتاں مٹایا، دکھایا جمالِ حق
 آنکھوں کو آنکھ، دل کو میرے دل بنا دیا
آہن کو سوزِ دل سے کیا نرم آپ نے
 نا آشنائے درد کو بسمل بنا دیا
مجذوبؔ در سے جا رہا دامن بھرے ہوئے 
 صد شکر حق نے آپ کا سائل بنا دیا
حضرت خواجہ عزیز الحسنؒ، حضرت تھانویؒ کے معتمد اور مخصوص خلفاء میں سے ہیں ۔ انہوں نے حضرت تھانویؒ کے انتقال کے بعد تین جلدوں میں ’’اشرف السوانح‘‘ کے نام سے کتاب تصنیف کی، جس کو پہلی مرتبہ مکتبہ تالیفات اشرفیہ تھانہ بھون ضلع مظفر نگر نے شائع کیا ہے۔ یہ کتاب حضرت تھانویؒ کی سیرت پر ہے جو ان کی سیرت پر لکھی گئی تمام کتابوں میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے، خواجہ عزیز الحسنؒ کو سچی تڑپ تھی، اس لیے گیٹ کے باہر نکالے جانے پر بھی اپنے مرشد کا دامن نہیں چھوڑا، اگر وہ برہم ہو کر یا عزت نفس کا پاس و لحاظ رکھتے ہوئے حضرت تھانویؒ کا در چھوڑ کر چلے جاتے تو انہیں خلافت ملتی اور نہ ہی یہ اعزاز حاصل ہوتا۔
بعض لوگ یہ کہہ کر اس مسئلہ کو نظر انداز کر دیتے ہیں کہ اب ویسے بزرگ کہاں جو پہلے تھے، چاہنے کے باوجود بھی اولیاء اللہ کی صحبت آج میسر نہیں، یہ سوچ سراسر شیطانی دھوکہ ہے، یاد رکھنا چاہیے کہ اولیاء اللہ اور صلحاء ہر زمانے میں ہوتے رہے ہیں اور قیامت تک ہوتے رہیں گے، سورہ توبہ آیت ۱۱۹ میں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اللہ سے ڈرتے رہیں اور صادقین کی صحبت اختیار کریں، اگر سچے لوگ ہر زمانے میں پیدا نہ کیے جائیں تو یہ ایسا حکم ہوا جس کی تکمیل پر انسان قادر نہیں اور ایسا حکم ایک کامل حکیم کی طرف سے نہیں دیا جا سکتا، اس لیے معلوم ہوا کہ صادقین، صلحاء، اولیاء اللہ کا وجود ہر زمانے میں رہے گا، ان کو ڈھونڈنا اور سچی تڑپ کے ذریعہ ان تک پہنچنا ہماری ذمہ داری ہے۔ مولانا رومیؒ نے فرمایا کہ لیلیٰ کا جب انتقال ہوا تو مجنون کو خبر نہیں ہوئی تھی، بعد میں قبرستان پہنچا تو ہر قبر کی مٹی سونگھتا پھر رہا تھا۔ لیلیٰ کی قبر کی مٹی سونگھتے ہی وہ دیوانہ وار کہنے لگا’’ یہی ہے، یہی ہے۔‘‘ عشق و محبت کی بنیاد پر مٹی کی بو سونگھ کر اس نے لیلیٰ کی قبر کا پتہ لگالیا۔ اسی طرح اگر کسی کو سچی پیاس اور تلاش ہو تو اللہ والوں کے جسموں کی خوشبو سونگھ کر اللہ والوں کو پہنچانا  جا سکتا ہے، ہاں اس بات کا انکار نہیں کیا جا سکتا کہ زمانہ کے انحطاط کے ساتھ ولایت میں بھی انحطاط پیدا ہوا ہے، پہلے طالبین کامل تھے تو اولیاء اللہ جنید بغدادیؒ اور حسن بصریؒ کی شکل میں تھے، جب طلبِ صادق میں کمی آئی تو ولایت کا درجہ بھی کم ہوا، اس زمانہ میں اگر جنید بغدادی جیسا کوئی ولی ڈھونڈا جائے تو فضول ہو گا۔ ہمارے لیے آج جنید بغدادی وہ صلحاء ہیں جن کی صحبت سے دل میں اللہ تعالیٰ کی محبت، آخرت کی فکر پیدا ہو، دنیا کی محبت کم ہونے لگے اور اعمال و اخلاق درست ہونے لگے، اس سے سمجھ لینا چاہیے کہ یہ اللہ والا ہے۔  اس کی صحبت سے مجھے ضرور فائدہ ہو گا اور ایسے لوگوں کی آج بھی کمی نہیں، بعض بزرگوں نے اولیاء اللہ کی پہچان یہ بتائی ہے کہ وہ سنت ِ رسولؐ کے عاشق ہوں یعنی کسی کرامت کا ظہور بزرگی کے لیے لازم نہیں ۔ فرائض و واجبات کے ساتھ مکمل طور پر سنت کی پابندی ولایت کو جانچنے کے لیے کافی ہے، بہرحال ولی کامل ہویا ناقص ہم جیسے گنہگاروں کے لیے ان کی صحبت اور نظر کرم فائدے سے خالی نہیں، کاش! مسلمان دنیا داروں سے اپنی نگاہ اور توجہ کو پھیر کر اہل اللہ اور صلحاء کی طرف مرکوز کر دیں، ان کی صحبت اختیار کریں اور ان سے اصلاحی تعلق قائم کریں کہ اس کے بغیر اصلاح ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے۔	٭٭٭



آخرت کی فکر کیجئے

آخرت کا تصور وہ محور ہے جس کے ارد گرد تمام عبادتیں گردش کرتی ہیں ۔ نماز، روزہ، زکوٰۃ، حج اور دوسری تمام عبادتوں کا آخرت کے یقین، عند اللہ جواب دہی کے احساس اور مرنے کے بعد دوبارہ اٹھائے جانے کے عقیدہ سے گہرا ربط ہے، اگر آخرت کا یقین نہ ہو تو موسم گرما کی چلچلاتی دھوپ میں اور موسم سرما کی سخت ٹھنڈک کے دنوں میں نماز کے لئے مسجد کی طرف رخ کرنا انتہائی مشکل ہو گا، رمضان کے ایام میں بھوک و پیاس کی شدت اور محنت کی کمائی میں سے زکوٰۃ و صدقات کے نام پر اللہ کے راستے میں خرچ کرنے کا حیرت کن عمل اسی لئے آسان ہے کہ موت کے بعد نہ ختم ہونے والی زندگی پر ایمان ہے، یعنی مرنے کے بعد نیک و بد ہر عمل کا حساب و کتاب ہو گا اور اچھے اور برے لوگوں کو ان کے ہر عمل کا بدلہ دیا جائے گا، ان تصورات کے بغیر نہ صرف عبادت بلکہ اللہ اور اس کے رسولؐ پر ایمان لانا بھی محال ہے، کفار مکہ کے سامنے بے شمار معجزات پیش کئے گئے مگر انہیں مرنے کے بعد دوبارہ اٹھائے جانے پر یقین نہ ہوا، وہ کہتے تھے ا إذَا مِتْنَا وَکُنَّا تَرَابًا وَّعِظَامًاا اِنَّا لَمَبْعُوْثُوْنَ۔ (الواقعہ : ۴۷) ’’کیا جب ہم مر جائیں گے اور ہم مٹی بن جائیں گے، ہڈیاں بوسیدہ ہو جائیں گی تو پھر دوبارہ ہمیں زندہ کیا جائے گا‘‘ دلائل کی کثرت کے باوجود آخرت کے عدم تصور کی وجہ سے ایمان نصیب نہیں ہوا اور نہ وہ اپنی بری حرکتوں سے باز آئے۔
آج مسلمانوں میں ظلم و زیادتی، لوٹ کھسوٹ، شراب نوشی، زنا کاری، سود اور رشوت خوری کا چلن اس لئے عام ہے کہ آخرت کا تصور کمزور ہو گیا ہے، ظاہر ہے کہ جب کسی گرفت کا احساس ہی نہ ہو یا ہو مگر برائے نام تو خواہشات پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی، ایک طاقتور انسان جب کسی غریب پر ظلم کر رہا ہو لیکن اس کو یہ احساس ہو جائے کہ مجھ سے قیامت کے دن اس عمل کا قصاص لیا جائے گا تو یقیناً وہ اپنی حرکت سے باز آ جائے گا، اسی طرح شراب نوشی یا زنا کاری کرتے ہوئے جب اللہ کا خوف پیدا ہو جائے اور آخرت میں جواب دہی کا تصور دل و دماغ میں بیٹھ جائے تو جسم پر لرزہ طاری ہو جائے گا اور زندگی سے چین و سکون ختم ہو جائے گا، یہاں تک کہ وہ صدق دل سے توبہ کر لے اور اللہ کے حضور میں ندامت و شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے مغفرت کا امیدوار بن جائے۔
حدیث کی تقریباً تمام کتابوں میں حضرت ماعز اسلمیؓ اور غامدیہ صحابیہ کے زنا اور توبہ کا واقعہ درج ہے، بشری تقاضہ اور بعض مصالح خداوندی کی بنیاد پر جب حضرت ماعز اسلمیؓ سے زنا صادر ہو گیا تو وہ آخرت کے تصور سے بے چین ہو گئے، پہلے حضرت ماعز اسلمی رسول اکرم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور اس عظیم گناہ سے پاک کرنے کی درخواست کی، وہ نتیجہ سے بے خبر نہیں تھے، انہیں معلوم تھا کہ زنا کی اسلامی سزا شادی شدہ کے لئے رجم (سنگساری کے ذریعہ ہلاک کر دینا) ہے، وہ چاہتے تو اس عمل بد کو چھپا دیتے، اس لئے کہ دنیا میں اس پردۂ  راز کو کوئی اٹھانے والا نہیں تھا، کسی کی نگاہ بھی ان پر نہیں پڑی تھی کہ خبر کے پھیلنے کا ڈر ہو یا ذلت و رسوائی کا خوف، اسلام نے زنا کی حد جاری کرنے کے لئے چار عینی گواہوں کو ضروری قرار دیا ہے جس کا مطلقاً یہاں فقدان تھا مگر کیا کیجئے۔ صحبت رسولؐ کے سبب ایمانی قوت، اللہ کا خوف اور آخرت کی فکر ان کے دل و دماغ میں جو بس گئی تھی، وہ ایسی چنگاری تھی جس نے ان کے چین و سکون کو چھین لیا تھا، ان کو یقین تھا کہ دنیا کی سزا اور ذلت آخرت کے مقابلہ میں کوئی حیثیت نہیں رکھتی، لوگوں کی نظروں سے اگر بچ بھی گئے تو کیا حاصل؟ تاریکی اور روشنی میں یکساں دیکھنے والی ذاتِ خداوندی کی نظر سے نجات نہیں مل سکتی، اس لئے انہوں نے پیغمبرؐ کے سامنے جرم کا اعتراف و اقرار کر لیا اور آپؐ کے بارہا اعراض کرنے کے باوجود وہ اپنے عزم پر مصر رہے، یہاں تک کہ آپؐ نے ان کو رجم کرنے کا حکم دے دیا۔ صرف مردوں کو نہیں بلکہ عورتوں کو بھی یقین کی یہی دولت حاصل تھی، حضرت ماعز اسلمیؓ کو سنگسار کئے جانے کے بعد حضرت غامدیہؓ بھی رسول اکرم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہویں اور ٹھیک وہی صورت پیش آئی جو حضرت ماعز اسلمی کے ساتھ پیش آئی تھی، آپؐ نے ان کو پہلی مرتبہ یہ کہہ کر واپس کر دیا کہ تمہارے پیٹ میں جو بچہ ہے اس کو جننے کے بعد آنا، ولادت کے بعد آئی تو آپؐ نے دودھ پلانے تک مزید مہلت عنایت کی، بوجھل قدموں وہ واپس ہوئیں، کچھ ہی دن گزرے تھے کہ پھر اپنے بچے کے ساتھ حاضر ہویں، بچہ کے ہاتھ میں روٹی کا ٹکڑا تھا جس سے بظاہر محسوس ہورہا تھا کہ یہ بچہ اب اپنی ماں کے دودھ سے بے نیاز ہوچکا ہے، آپؐ نے اس عورت کو رجم کرا دیا، غور طلب پہلو یہ ہے کہ یہاں حضرت غامدیہ ؓ پر ظاہری کوئی ایسا دباؤ نہیں تھا جس کے خوف کا انہیں احساس ہو، البتہ آخرت کی فکر اس طرح ان کے رگ و ریشہ میں سماگئی تھی کہ راحت بے چینی میں تبدیل ہو گئی، ان کا ہر لمحہ سزا پانے کے انتظار میں گزرتا تھا، وہ اندر سے اس لئے پریشان اور گھبراہٹ میں مبتلا تھیں کہ کہیں دنیاوی سزا پانے سے پہلے ہی روح پرواز نہ ہو جائے اگر ایسا ہوا تو پھر قیامت کے دن اپنے مالک کو کیا منہ دکھائیں گے۔ 
زنا یقیناً ایک بھیانک جرم ہے لیکن آخرت کے تصور سے اس طرح بے چین ہونے کی مثال بہت ہی کمیاب ہے، اس لئے آپؐ نے فرمایا : لقد تاب توبۃ لوقسمت بین امۃ لوسعتھم ’’ماعز نے ایسی توبہ کی ہے کہ اگر اس کے ثواب کو پوری امت پر تقسیم کیا جائے تو وہ سب کے لئے کافی ہو جائے‘‘ اسی طرح کا جملہ آپؐ نے حضرت غامدیہ کے بارے میں بھی ارشاد فرمایا تھا۔ (دیکھئے صحیح مسلم بحوالہ مشکوٰۃ: ۳۱۰) 
یہی فکر آخرت ان صحابہ کو بھی تھی جن کی ولایت کی شہادت خود رسول اکرم ﷺ نے دی تھی، ان کے نیک اعمال، تقویٰ و طہارت کی قسم کھائی جا سکتی ہے لیکن جب کبھی بھول کر کوئی معمولی گناہ بھی ان سے سرزد ہو جاتا تو بے چین ہو جایا کرتے تھے، روایت میں ہے کہ ایک مرتبہ حضرت ابوبکر صدیقؓ نے اپنے غلام کی مشتبہ کمائی میں سے کچھ حصہ کھا لیا تھا، بھوک کی شدت کی وجہ سے تحقیق کا خیال نہ رہا، غلام نے کھا لینے کے بعد جب اطلاع دی تو سخت پریشان ہوئے اور منہ میں ہاتھ ڈال کر قے کر دی اور فرمایا کہ میں نے رسول اکرم ﷺ سے سنا ہے جو جسم حرام سے پرورش پائے اس کے لئے دوزخ کی آگ  بہت مناسب ہے مجھے ڈر ہوا کہ اس لقمہ سے میرے جسم کا کوئی حصہ پرورش نہ پا جائے۔ (حلفاء الرسول: ۶۹) 
حضرت عمرؓ کے بارے میں مشہور ہے کہ ایک مرتبہ آپ رات کو بیت المال میں بیٹھے ہوئے کوئی خلافت کا کام انجام دے رہے تھے کہ حضرت علی مرتضیٰؓ بھی تشریف لے آئے اور فرمایا کہ مجھے آپ سے کچھ بات کرنی ہے، حضرت عمرؓ نے دریافت فرمایا کیا آپ کو کچھ خلافت کے کام سے متعلق گفتگو کرنی ہے یا اپنے کسی ذاتی و نجی مسئلہ میں ؟ انہوں نے فرمایا مجھے اپنے ذاتی معاملہ میں گفتگو کرنی ہے، اس پر حضرت عمرؓ نے فرمایا: بس تو چلو کسی اور جگہ بات کریں گے کیوں کہ بیت المال کی روشنی میں بیٹھ کر ذاتی گفتگو کرنی درست نہیں ہے۔ 
حضرت عثمان ذوالنورینؓ جو حضور اقدس ﷺ کے داماد اور تیسرے خلیفہ تھے اور جن کو آپؐ نے جنتی ہونے کی بشارت دی تھی ان کا یہ حال تھا کہ جب کسی قبر کے پاس کھڑے ہوتے خوف آخرت سے اس قدر روتے کہ ان کی مبارک ڈاڑھی تر ہو جاتی، کسی نے سوال کیا آپ دوزخ اور جنت کے تذکرہ سے نہیں روتے اور قبر کو دیکھ کر اس قدر روتے ہیں ؟ اس پر حضرت عثمانؓ نے جواب میں فرمایا کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا کہ بلاشبہ قبر آخرت کی پہلی منزل ہے، اگر قبر کی مصیبت سے کسی نے نجات پالی تو اس کے بعد سب منزلیں آسان ہو جائیں گی اور اگر اس کی مصیبت سے نجات نہ پائی تو اس کے بعد کی منزلیں اس سے زیادہ سخت ہیں ۔ (ترمذی) 
حضرت علیؓ کی یہ حالت تھی کہ جب نماز کا وقت آ جاتا تو بدن پر کپکپی آ جاتی تھی اور چہرہ زرد ہو جاتا تھا، کسی نے پوچھا کیا بات ہے؟ تو فرمایا: اس امانت کی ادائیگی کا وقت ہے جس کو اللہ جل شانہ نے آسمانوں، زمینوں اور پہاڑوں پر اتارا تو وہ اس کے تحمل سے عاجز ہو گئے اور میں نے اس کا تحمل کر لیا، اب دیکھنا چاہئے پوری ادا کرتا ہوں یا نہیں ۔ (آخرت کے فکر مندوں کے پچاس قصے: ۲۵-۲۶) 
کاش ! تمام مسلمانوں کے دل و دماغ میں آخرت کا تصور مستحکم اور مضبوط ہو جائے اور اللہ کے خوف اور یادِ الٰہی سے ہر لمحہ سینہ معمور رہے، بلاشبہ آج بھی مسلمانوں میں انقلابی قوت پیدا ہوسکتی ہے اور دنیا میں پھر ایک بار امانت، عدل و انصاف اور امن و سکون کا ماحول پیدا ہوسکتا ہے۔ زندگی کے جو حصے گزر چکے اب ان کی اصلاح تو نہیں ہوسکتی البتہ زندگی کے جو ایام باقی رہ گئے ہیں ان کو فکر آخرت میں گزار کر اللہ کی مرضی ہم پا سکتے ہیں ۔ بقول شاعر
وقت طلوع دیکھا وقت غروب دیکھا
 اب فکر آخرت ہے، دنیا کو خوب دیکھا
٭٭٭
ماخذ:
http://www.scribd.com/doc/47810833/Samaaj-Ko-Behtar-Banaaiye01
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
