﻿

سمندر سوچتا ہے
کلیات
رئیس الدین رئیسؔ






عقیدت


میرے زبان و نطق بھی تیرے تیرے ہی یہ لب اللہ 
حرف و لفظ جہاں میں جتنے ، تیرے ہی ہیں سب اللہ 
تیری مٹی، تخم بھی تیرا، تیری نمو اور تیرا پیڑ
لیکن ان میں اک تو ہوتا میرا برگِ طرب اللہ
میں نے عمر کی سب سانسوں میں تیرا ہی اک نام لیا 
غافل تو خود سے بھی نہیں تھا بھولا تجھ کو کب اللہ 
میری آنکھیں، میری نیندیں ، جاگنا سونا سب تیرا
تیری ہی سب صبحیں بھی اور تیری ہی ہر شب اللہ 
تیری عنایت سے کہتے ہیں مجھ کو رئیس الدین رئیسؔ 
تیری عطا سے ہوا ہے روشن میرا نام و نسب اللہ 
**



بہ فیضِ عام بُرے بھی، بھلے بھی تیرے ہیں
تمام چہرے ترے، آئنے بھی تیرے ہیں
تری ہی ذات تو محور ازل اَبد کا ہے
تمام نقطے ترے، دائرے بھی تیرے ہیں
تو راہ بھی، تو ہی منزل بھی، ہر مسافر کی
ترا ہی رختِ سفر، قافلے بھی تیرے ہیں
ترے اشارے پہ ملنا بھی اور بچھڑنا بھی 
یہ قربتیں بھی تری، فاصلے بھی تیرے ہیں
ہر ایک عقدہ امانت تری مشیت کا 
کہ حل بھی تیرے ہیں اور مسئلے بھی تیرے ہیں
الگ ہیں مجھ سے جو وہ رابطے بھی تیری تلاش 
جڑے ہیں مجھ سے جو وہ سلسلے بھی تیرے ہیں
جہاں بھی چاہے  رقم کر رئیس کی قسمت 
ورق ورق ہے ترا، حاشیے بھی تیرے ہیں
**




ہر ایک لفظ ترا ہے، ورق بھی تیرا ہے
زبان و لب بھی ترے ہیں سبق بھی تیرا ہے
طلوع مہر کا منظر بھی تیری صناعی 
غروبِ شام بھی، رنگِ شفق بھی تیرا ہے
یہ میرے بازو بھی تیرے ہیں محنتیں بھی تری 
جبیں بھی تیری، جبیں پر عرق بھی تیرا ہے
ترے خیال سے ابہام بھی بنے الہام 
کہ تو علیم ہے لفظ ادق بھی تیرا ہے
غریبِ شہر کو لکھ دے رئیس دین بھی تو 
کہ ہر گناہ کو بخشے یہ حق بھی تیرا ہے 
**




عطا ہو مجھ کو یہی عمر بھر کی فکر اللہ 
ہر ایک لمحہ رہے لب پہ تیرا ذکر اللہ
کہیں شروعِ سفر ہو کہ حدِ ختم سفر 
ترا خیال چلے بن کے میرا خضر اللہ 
نگاہ و دل کو ملا یا جدا جدا کر دے 
کہ حرفِ وصل ہے تیرا تو تیرا ہجر اللہ 
نحیف پاؤں کو میرے سفر کی قوت دے
صحیح رستہ ہے تیرا تو ہی ہے خضر اللہ 
تو میرے دستِ تمنا کو وہ رسائی دے
غلافِ کعبہ پہ چھڑکوں میں جا کے عطر اللہ 
جلا دے دل میں مرے اپنے عشق کا دیپک 
کہ لوگ کہنے لگیں مجھ کو تیرا متر اللہ 
**




میرے پاس تو شاہوں جیسا بخت نہیں آقاؐ
میں وہ مسافر میرے آقا رخت نہیں آقاؐ
میں نے آپؐ کے نقشِ قدم کو جب سے دیکھا ہے 
میری نظر میں کوئی تاج و تخت نہیں آقاؐ
جب سے چلا ہوں آپ کے بتلائے رستے پر میں 
پتھر جیسی بنجر راہیں سخت نہیں آقاؐ
میری طرف کر رحمتِ عالمؐ اپنی عطاؤں کو 
دھوپ ہے میرے سر پر کوئی درخت نہیں آقاؐ
آپؐ کی ہی تعلیم کے صدقے طیبہ والوں میں 
غصہ کینہ یا پھر لہجہ کرخت نہیں آقاؐ
**





تازگی گلشن کونین میں ہر سو جاگے 
ذکرِ سرکار ہو کچھ ایسے کہ خو شبو جاگے 
اُنؐ کے الفاظ نے دنیا کو اُجالا بخشا 
جس طرح ظلمتِ شب تاب میں جگنو جاگے 
تجھ کو خاطر میں نہ لائیں گے فدایانِ رسولؐ 
لاکھ اے گردشِ دوراں ترا جادو جاگے 
اب تو روضے کی زیارت ہو نصیب آنکھوں کو 
آج آنکھوں میں سلگتے ہوئے آنسو جاگے 
ہو کرم شاہِ اممؐ رزم گہِ ہستی میں 
تازہ ایماں ہو ، مری غیرتِ بازو جاگے 
تھام لے دستِ عمل سے رئیسؔ انکا دامن 
جاگے سوئی ہوئی تقدیر اگر تو جاگے 
**






انہونی کو ہونی کر دے اے مولا
کوزہ میں تو دریا بھر دے اے مولا
ایک صدا لبیک کی کب سے سنتا ہوں
مجھ کو بھی تو اذنِ سفر دے اے مولا
اُڑنا چاہوں میں بھی دور خلاؤں میں 
مجھ کو بھی تو بال و پر دے اے مولا
اب تو سجھائی ہاتھ کو ہاتھ نہیں دیتا 
ان کالی راتوں کو سحر دے اے مولا 
اب تک تو لا علم رہا ہوں خود سے میں 
مجھ کو بھی اب میری خبر دے اے مولا
**











غزلیں



بہر لمحہ بکھر کر سوچتا ہے
یہ شیشہ کیا ہے پتھر سوچتا ہے
میں قطرہ ہوں مگر وسعت پہ میری 
یہ دریا کیا سمندر سوچتا ہے
بدلتے موسموں کے آئنوں میں 
کوئی منظر بہ منظر سوچتا ہے
برائے کار زارِ دامنِ جاں
ابھی خواہش کا لشکر سوچتا ہے
سبھی کے رنگ کیوں یکساں ہیں آخر
یہ خون آلودہ خنجر سوچتا ہے
سرابوں سے تعلق کے سبب کچھ 
یہ صحرا بھی تو اکثر سوچتا ہے
رئیس اے کاش ہو پھر بے قراری
سکوں آمیز بستر سوچتا ہے
**




کاش شطرنج پہ ظاہر ہو ارادہ میرا
شاہ کو پیٹنے نکلا ہے پیادہ میرا
قید ہوں ہجر کے زنداں میں کئی صدیوں سے 
جسم کس کا ہوا جاتا ہے لبادہ میرا
ارض تقسیم اگر ہو گی تو پھر دیکھنا تم
حصہ صحراؤں میں نکلے گا زیادہ میرا
ایک سنّاٹا سا طاری ہے ہر اک سمت مگر
رنگ لائے گا کسی روز اعادہ میرا
اس کو حاصل ہیں گُل و رنگ کے گہرے سائے
صرف اک اشک طرب حاصل بادہ میرا
حوصلہ پاؤں پہ آنکھوں پہ لکھی ہے منزل 
لاکھ پُر خار سہی دشت میں جادہ میرا
ہے رئیس ارض کی مانند قلم گردش میں
اک ورق مل نہ سکے گا کبھی سادہ میرا
**




تباہ اپنی سب املاک کر کے دیکھتے ہیں 
خود اپنے آپ کو خاشاک کر کے دیکھتے ہیں 
جو دھول آپ کے قدموں سے اُڑ کے آئی ہے 
ہم اُس کو جسم پہ پوشاک کر کے دیکھتے ہیں
پھر اس کے بعد یہ سوچیں گے کیا ہے یہ دنیا
ابھی تو قدموں میں افلاک کر کے دیکھتے ہیں 
نہ جانے کیسے تجسّس میں ہیں مرے احباب
مرے وجود کو وہ خاک کر کے دیکھتے ہیں
کوئی قبول نہ کر پایا سادگی اپنی
اب اپنے آپ کو چالاک کر کے دیکھتے ہیں
سنا ہے شہر کے سب رنگ اُس نے اوڑھ لئے
چلو تو لہجے کو بیباک کر کے دیکھتے ہیں 
خلوصِ دل سے میں کرتا ہوں نذر حرفِ یقیں
کہ آپ ہی تو نظر پاک کر کے دیکھتے ہیں
رئیسؔ کون سی منزل پہ اب پہونچتا ہے 
جنوں کی راہ میں ادراک کر کے دیکھتے ہیں
**




یہ چاند تارے فلک سب حریم ہی تو ہیں 
کہ دور رہ کے ہم ان میں مقیم ہی تو ہیں 
سبھی نئے ہیں مضامیں بھی اور معانی بھی
جو حرف و لفظ ہیں میرے قدیم ہی تو ہیں
مرے قلم کو بتاتے ہیں حیثیت جو مجھے 
یہ لوگ صاحبِ عقلِ سلیم ہی تو ہیں
سبھی کے لہجے میں کڑواہٹیں بھری ہیں یہاں
یہ جتنے دوست ہیں سب مثلِ نیم ہی تو ہیں
سبھی کے اکڑے ہوئے سر تکبرانہ نظر
ہمارے شہر میں سارے زعیم ہی تو ہیں
رئیسؔ رکھے بھی اُن سے تو کوئی کیا اُمید
کہ مہربان بھی آخر غنیم ہی تو ہیں
**



گماں بتا کہ ترے بیش و کم سے رشتہ کیا
نہیں یقین تو قول وقسم سے رشتہ کیا
وہ خود کو موم سے تبدیل کرنا چاہتا ہے 
جسے خبر بھی نہیں چشم نم سے رشتہ کیا
وجود بخشا ہے تو نے جہان معنی کو
مری غزل ترا لفظِ عدم سے رشتہ کیا
سرشت ان کی ہے زخموں کو بانٹتے رہنا 
ستم گروں سے نہ پوچھو ستم سے رشتہ کیا
زمینِ ہجر ترے پاؤں کیوں پکڑتی ہے
سفیرِ وصل ترا شہر غم سے رشتہ کیا
وہ حبس ہے جو مرے ساتھ ساتھ رہتا ہے
خنک ہوا مرا تیرے کرم سے رشتہ کیا
وہ میرے نام سے کیوں اپنا نام جوڑتا ہے
رئیس اُس کا مرے رنج و غم سے رشتہ کیا
**




 وہ لوح ہجر پہ لفظ وصال لکھتا کیوں
وہ با کمال نہ تھا تو کمال لکھتا کیوں
اُفق کے رنگ نے مبہوت کر دیا اُس کو 
نویسِشب کوئی حرفِ ملال لکھتا کیوں
وہ چاند چہرہ، ستارہ صفت گل تازہ
نہیں تھا کوئی بھی اس کی مثال لکھتا کیوں
سفر عزیز تھا مجھ کو تو اپنے پیروں پر
غروب و شرق، جنوب و شمال لکھتا کیوں
قلم کے ساتھ رہے انگلیوں میں ناخن بھی
برائے زخم بھلا اندمال لکھتا کیوں
ہر ایک لمحہ رئیس اس کی دسترس میں تھا
خود اپنے واسطے وہ ماہ وسال لکھتا کیوں
**



ورق ورق تجھے تحریر کرتا رہتا ہوں
میں زندگی تری تشہیر کرتا رہتا ہوں
بہت عزیز ہے مجھ کو مسافتوں کی تھکن 
سفر کو پاؤں کی زنجیر کرتا رہتا ہوں
مصوّروں کو ہے زعمِ مصوری لیکن 
میں اپنی زیست کو تصویر کرتا رہتا ہوں
میں سونپ دیتا ہوں ہر رات اپنے خوابوں کو 
ہر ایک صبح کو تعبیر کرتا رہتا ہوں
سپر بناتا ہوں لفظوں کو شعر میں لیکن 
قلم کو اپنے میں شمشیر کرتا رہتا ہوں
ہزار عیب خود اپنے ہی نام میں لکھ کر 
میں تیری رائے ہمہ گیر کرتا رہتا ہوں
وہ میری فکر میں بدلے کا زہر گھولتا ہے
مگر میں زہر کو اکسیر کرتا رہتا ہوں
میں شہر شہر بھٹکتا ہوں اور روزانہ 
خود اپنی ذات کی تعمیر کرتا رہتا ہوں،
لکھے ہیں حصے میں میرے رئیس سنّاٹے 
نوائے وقت کی تسخیر کرتا رہتا ہوں
**

مفہوم و معانی غزلوں میں کیوں حد درجہ سنجیدہ ہیں 
کیا ساری ردیفیں سخت ہوئیں کیا قافیے سب پیچیدہ ہیں
کیا تازہ فلک سے ٹوٹ گیا کیا آنکھ سے کوئی اشک گرا 
کیوں چہرے ہیں کمہلائے ہوئے کیوں اہلِ وفا رنجیدہ ہیں 
ہر لفظ تمہارے ہونٹوں پر جب آیا تو یہ کہنے لگا 
خود ساختہ اک مصرعہ بھی نہیں سب شعرو غزل دزدیدہ ہیں
سب دریا ہیں بے معنی سے سب بحرِ رواں ہیں بے مصرف 
ہم خاک نشیں کی نظروں میں جو ذرّے ہیں وہ چیدہ ہیں 
سب آئنہ خانے حیراں ہیں سب آنکھیں ہیں پتھرائی ہوئی 
کیا ڈھونڈ سکے گا کوئی ہمیں ہم خود سے بھی پوشیدہ ہیں 
ابنائے زمانہ جانتے ہیں برداشت میں ہم ہیں لاثانی 
وہ تیرو سناں کے حامی ہیں ہم زخموں کے گرویدہ ہیں
ادراکِ مضامیں ہے مجھ کو اپنا ہے رئیسؔ اسلوب نیا 
یوں روشن ہے ہر شعر مرا الفاظ مرے زائیدہ ہیں 
**



الفاظ و معانی صفِ اعراب میں گم ہیں
اشعار مرے صفحۂ اعجاب میں گم ہیں 
تیراک سمندر کی تہوں میں ہیں کہاں گم 
ساحل کے قریں حصۂ پایاب میں گم ہیں
کیوں ڈھونڈتی پھر تی ہیں انہیں کالی گھٹائیں 
صحرا تو ابھی خطۂ سیراب میں گم ہیں
کاندھوں پہ قدم رکھ کے بلندی پہ ہیں کچھ لوگ 
اک ہم ہیں کہ اسلاف کے آداب میں گم ہیں
کھل جائیں گے سچائی کے اسرار بھی آخر 
دن رات یہ آنکھیں تو ابھی خواب میں گم ہیں
تھی جس سے رئیسؔ اپنی ہر اک رات منور 
سب داغِ سیہ اب اُسی مہتاب میں گم ہیں
**




شب گزیدہ کیوں ہے چہرہ صبح کی تنویر کا
خواب سے شاید کوئی رشتہ نہیں تعبیر کا
مصحف رخ پر نمی اشکوں کی کچھ آنے تو دو
لفظ اُبھر آئے گا اک اک درد کی تحریر کا 
پڑھ لیا لکھا ہوا لہجے پہ اُس کے ہر جواب 
پوچھنا بیکار تھا پھر ماجرا تاخیر کا
تیرے لفظوں نے کیا قید رفاقت سے رہا
گھل گیا حلقہ ہر اک اخلاص کی زنجیر کا
کیوں محاذ جنگ پر پسپا ہوا میرا حریف 
کاش جوہر دیکھتا وہ بھی مری شمشیر کا
دے رہا ہے اے رئیس اب بھی مکینوں کا سراغ 
ٹوٹتی دیوار پر سایہ کسی تصویر کا
**


مطلع لکھتا ہوں تو خسرو کا ادب بولتا ہے 
مقطع کہتا ہوں تو غالب کا نسب بولتا ہے
دور سے دیکھ کے اے تشنگی ہو جا سیراب
پاس میں جاؤں تو دریا کا غضب بولتا ہے
ہے بہادر تو مرے سامنے آ کر بولے
کوئی ڈرپوک ہے جو میرے عقب بولتا ہے
دن میں سکّے تو اجالوں کے ہوئے صرف زکوٰۃ
رات آتی ہے تو پھر کاسۂ شب بولتا ہے
اے قلم! اے مرے مقبول قلم تیرے طفیل
ہر ورق پر مرا ہی نام و لقب بولتا ہے
تیری بینائی سماعت سے ہے عاری ورنہ
نقشِ تصویر کا ہر رنگ عجب بولتا ہے
دن میں رہتی ہے اجالوں کی حکومت بے شک
شام ڈھلتی ہے تو پھر طوطیِ شب بولتا ہے
یہ الگ بات کہ خاموش ہے تعبیر رئیسؔ
صبح ہوتے ہی مگر خوابِ طرب بولتا ہے
**



بنائے روز ہی کاغذ پہ یوں تو گھر میں نے
زمین پائی مگر صرف پاؤں بھر میں نے
کسی بھی لفظ کا جھکنے دیا نہ سر میں نے
قلم کو تیغ بنایا کبھی سپر میں نے
مری نگاہ میں بجلی سی جیسے کوند گئی
جو سطح آب پہ دیکھی کہیں بھنور میں نے
سمجھ لیے ہیں کسی نے سراب کے معنی
سلگتی ریت پہ دیکھی ہے رہگزر میں نے
کہا جو اس نے وہ تسلیم سر جھکا کے کیا
کیا نہ وقت سے لیکن اگر مگر میں نے
ہوا تھی تیز بالآخر چراغ بجھ ہی گیا
کہ اپنے ہاتھوں کو سمجھا تھا معتبر میں نے
غزل نے رات عجب مجھ پہ انکشاف کیا
تجھے رئیس بنایا ہے نا مور میں نے
**


زمیں سے لے کر سر آسماں بناؤں میں 
جو گوشوارۂ سود و زیاں بناؤں میں 
ہوا کے ہاتھوں میں دم ہے کہ میرے ہاتھوں میں 
یہ دیکھنے کو نئے بادباں بناؤں میں 
جنھیں چلاؤں بھی خود اور زخم کھاؤں بھی خود 
نئے مزاج کے تیرو کماں بناؤں میں 
طلسم اگر فن تعمیر کو کوئی مل جائے 
تو سطح آب پہ اپنا مکاں بناؤں میں 
مرے ہی دوست مخالف ہوئے عدالت میں 
عدو کو کیسے بھلا ہم زباں بناؤں میں 
مسافرت کو ادق راستوں کا ہو ادراک 
نئی زمین نئے کارواں بناؤں میں 
ملے جو دریا تو لوں امتحان تشنہ لبی 
یقیں کو اپنے رئیس اک گماں بناؤں میں 
**



قلم طلب نہ کرے قطرہ روشنائی کا
کہ اب ہے ہاتھ میں میرے ورق سیاہی کا
وہ پھر رہا ہے لیے شوق بادشاہی کا
گلے میں طوق ہے جس کے ابھی غلامی کا
تماشہ دیکھ چکے شہر دوست میں آ کر
نہیں ہے سایہ کسی رخ پہ آشنائی کا
درون شعر ابھی جھانکتی ہے ظلمت شب 
تو پھر ہے دعویٰ یہ کیسا سحر بیانی کا
ہماری خواہشیں اعلان کرتی رہتی ہیں
نہ ختم ہو گا کبھی سلسلہ گرانی کا
رئیس منصف شب کہہ رہا ہے سورج سے 
تمہیں بھی چاہیے موقع ذرا صفائی کا
**




صبحیں کیا دنیا کا عقدہ کھولیں گی
خود آنکھوں سے سن لوں گا جب بو لیں گی
میں جو شہر فکر میں اک شب جاگوں گا 
راتیں بھی کچھ لمحے دن میں سو لیں گی
ہو جائے جو ظاہر میری تشنہ لبی
زہر سبیلیں اپنے اندر گھولیں گی
منظر سے پس منظر ہو کر کیا ہو گا 
کچھ آنکھیں ہی تھوڑی دیر کو رولیں گی
آئینے! پھولوں سے ہاتھ گرا دیں گے
آنکھیں میری لیکن کرچیں رولیں گی
تجھ کو رئیس احساس نہیں ہوتا لیکن 
فکر کی گرہیں تیری غزلیں کھولیں گی
**



مجھ سے کب ترک انا ممکن ہوا 
میرے قبضے میں کہاں یہ جن ہوا 
منکشف دریا کا جب باطن ہوا 
ساحلوں پر آسماں ساکن ہوا 
شہر میں رقصاں ہوئی بے چارگی 
درد کی دولت کا میں خازن ہوا 
آسماں نے کر دیا تبدیل سب 
دشمن جاں ہی مرامحسن ہوا 
نیند میں جلتا رہا اِک مرغ زار 
ایک دشتِ بیکراں سا دن ہوا 
تہمتیں ساری مجھے منظور ہیں 
تجھ سے کب پاس وفا ممکن ہوا 
میری جان و مال کا طالب رئیس
کیوں عدالت میں مرا ضامن ہوا 
**




سکوت شہر میں اب ہاؤ ہو نہیں ہے تو کیا
سبھی ہیں دوست اگر اک عدو نہیں ہے تو کیا
میں اپنی مٹی کو اشکوں سے تر تو رکھتا ہوں
نصیب تخم میں کوئی نمو نہیں ہے تو کیا
تراش کرتے ہوئے زخم انگلیاں کر لیں
مرا ہی چہرہ مرے ہو بہو نہیں ہے تو کیا
چہار سمت مری پتلیوں میں رہتا ہے
ہر اک قدم مرے ہمراہ تُو نہیں ہے تو کیا
چمک گیا ترے خاکوں میں رنگ تو میرا
مری رگوں میں جو میرا لہو نہیں ہے تو کیا
تری اور اس کی نظر ہمکلام ہے کہ نہیں
رئیس اس سے تری گفتگو نہیں ہے تو کیا
**



اشک جب سے رفیق ہو گیا ہے
خون جیسے رقیق ہو گیا ہے
معنیوں کا وسیع دریا مری
اب غزل میں غریق ہو گیا ہے
عرق آلودیوں ہوئی ہے جبیں
قطرہ قطرہ عقیق ہو گیا ہے
کیا کہوں میں کہ بہتا دریا کیوں
تشنگی کا فریق ہو گیا ہے
ہے تعجب وہ دشمن جاں ہی
آج میرا شفیق ہو گیا ہے
ہے تحیّر زدہ مصوّر بھی
نقش کتنا عمیق ہو گیا ہے
آؤ اس سے رئیس مل دیکھیں
سنتے ہیں خوش طریق ہو گیا ہے
**


مرے لفظو! بہ شوق اُس کے لیے دیوار ہو جانا
ضرورت ہے کہ دشمن کے لیے تلوار ہو جانا
اگر دریا کی لہریں چھین لیں سارا اثاثہ تو 
سمٹتے بازوؤ! کھل کر مری پتوار ہو جانا
تھکا دیتی ہے عجلت جسم، شل پیروں کو کرتی ہے
جو ہے منزل کی خواہش تو سبک رفتار ہو جانا
مجھے بھی امتحاں لینا ہے اپنے عزم و ہمت کا
تو میرے راستو تم بھی ذرا دشوار ہو جانا
کسی دن اپنے نیزے پر سجا کر اپنے سر کو تم
بس اک تمغے کی خاطر حاضرِ دربار ہو جانا
سبھی نظریں رکیں گی اور پھر تفصیل پڑھ لیں گی
رئیس آساں نہیں ہے سرخیٴ اخبار ہو جانا
**


آغوش بحر وا ہوئی جب اشتعال میں
برپا ہوئی قیامت صغریٰ مآل میں
جب بھی ہوا صنائع بدائع کا تذکرہ 
آئے ہمارے شعر ہمیشہ مثال میں
بھوکے پرندے کیسے نہ کھاتے بھلا فریب 
دانوں کا تھا طلسم شکاری کے جال میں
تسلیم تو کرے نہ کرے جانتے ہیں لوگ
فن کس کا ہے نہاں ترے دستِ کمال میں 
روشن شبوں کا ساتھ بھی مل جائے گا تجھے
کچھ لمحے تو گزار لے شامِ ملال میں
اہل نظر کے حسنِ توقع کی خیر ہو
آنکھیں عروج ڈھونڈ رہی ہیں زوال میں
طول و عرض فلک کا کہاں ناپنے چلے
ممکن ہے یہ تو صرف طلسم خیال میں 
مجھ کو پناہ دی مرے قصرِ شکیب نے
کتنے ہی شہر دب گئے گرد ملال میں
آزاد گھومتے رہے دنیا میں ہم رئیس 
سانسیں ہماری قید رہیں ماہ وسال میں
**


فلک پہ آخر شب یہ جو اک ستارہ ہے
غنیم تیرا نہیں میرا استعارہ ہے
ہر ایک آنکھ معمّہ بنی ہوئی ہے یہاں
جہان بھر سے الگ میرا گوشوارہ ہے
سبھی کے ذوق کی تکمیل ہے مرا مقصد
غزل کے ساتھ ہی مقبول نثر پارہ ہے
حدیں تجرّد دریا نے تو ڑ دیں لیکن 
ہوس کی زد میں ابھی تک ہر اک کنارہ ہے
فلک بھی چھولوں سمندر بھی پار کر جاؤں
مگر یہ کم نظروں کو کہاں گوارہ ہے
طلوع صبح سے پہلے ہے آخری منزل
مرے سفر کے لیے چاند کا اشارہ ہے
رئیس فن کی تجارت میں جانتے ہو تم
کہ نفع کم ہے زیادہ مگر خسارہ ہے
**




نہ صرف عمر رواں دست وقت کاٹتا ہے
ہرے بھرے بھی تو اکثر درخت کاٹتا ہے
وہ اپنی راہ میں لکھّی صعوبتوں کے طفیل
سفر کے ساتھ ہی زنجیر بخت کاٹتا ہے
ہیں اس کے ہاتھ کی تحویل میں سبھی سکے
ضمیرِ شاہ مگر تاج و تخت کاٹتا ہے
غریب پر جو گزرتی ہے، صبر و شکر کے ساتھ
وہ خواہ نرم ہو موسم کہ سخت کاٹتا ہے
عجیب شوقِ سفر ہے رئیس اس کو بھی
پیادہ پا ہی وہ دریا و دشت کاٹتا ہے
**



ہر ایک صنعت و معنی کی قسم جانتے ہیں
وہ ہم ہی ہیں جو غزل کا طلسم جانتے ہیں
وہ شرق، غرب، جنوب و شمال میں ہی کیا
ہے ذرّے ذرّے میں پنہاں جو اسم جانتے ہیں
رہے گا بن کے یہ پیوند ارض ہی اک دن 
نہ ساتھ روح کا دے گا یہ جسم جانتے ہیں
مرے خیال سے وہ لوگ منکرِ حق ہیں
طلوع صبح کو جو اک طلسم جانتے ہیں
یہ اور بات کہ آنکھیں مغالطہ کر جائیں 
مگر یہ ہاتھ تو پھولوں کی قسم جانتے ہیں
رئیس روح کے رشتے بھلا وہ کیا جانیں
جو صرف صنفِ مخالف کو جسم جانتے ہیں
**




ہماری غزلوں سے غزلیں کشید کرنے لگے 
قدیم لوگ بھی لہجے جدید کرنے لگے
ملا جو دشمن جاں بھی تو وضع داری میں
بڑھا کے ہاتھ وہ گفت و شنید کرنے لگے
ہم ان کا آئنہ بن کر ہیں خود سے شرمندہ 
وہ اپنے آپ سے نفرت شدید کرنے لگے
جدیدیت میں غزل کی روایتوں سے پرے
وہ لفظ و معنی سے خود کو بعید کرنے لگے
غم حسین کو دینے لگے نئے معنی!
عجیب لوگ ہیں عشرے میں عید کرنے لگے
لگی زبان کی قیمت تو کھُل کے اہلِ زباں
عجب زبان میں گفت و شنید کرنے لگے
**


ہوا نمناک ہوتی جا رہی ہے
حویلی خاک ہوتی جا رہی ہے
دریچہ کھولتے ہی تھم گئی ہے
ہوا چالاک ہوتی جا رہی ہے
ہمارے حوصلوں کے آگے مشکل 
خس و خاشاک ہوتی جا رہی ہے
لہو کے ہاتھ دھوئے جا رہے ہیں
ندی ناپاک ہوتی جا رہی ہے
نئی تہذیب سے یہ نسلِ نو اب
بہت بے باک ہوتی جا رہی ہے
سمندر تھام لے موجوں کو اپنی
زمیں تیراک ہوتی جا رہی ہے
محبت نفرتوں کے بیچ پل کر
بڑی سفّاک ہوتی جا رہی ہے
بہ فیضِ شاعری شہرِ ہنر میں
ہماری دھاک ہوتی جا رہی ہے
**




دل و نگاہ سے گزرے جنون تازہ کرے 
کوئی تو وادیِ جاں میں سکون تازہ کرے 
بیک نگاہ تحسرّ کو آرزو کر جائے 
خلیجِ دستِ طلب میں فسون تازہ کرے 
ورق ورق کو نمو اور قلم کو قوت دے 
کہ تیرا ہجر علوم و فنون تازہ کرے 
کوئی تو لفظ کرے سلب روح تک میری 
کوئی تو لفظ رگ و پے میں خون تازہ کرے 
اگر کثیف ہو ماحولِ گردو پیش رئیسؔ
مری غزل مرے دل کا سکون تازہ کرے 
**



میں شہر ہجر کا باشندہ تو والی شہر وصال کا ہے 
یہ اپنی اپنی قسمت ہے ثمرہ اپنے اعمال کا ہے
ہم راہِ گماں سے نکلے تو منزل کا یقیں بھی چھوٹ گیا 
اسے وادیِ گل سے مت کہنا یہ قصہ دشتِ ملال کا ہے
میں خود کو شاطر سمجھا تھا پر ایک نظر کے ہٹتے ہی 
جو آ کے بساط پہ اُلٹ گیا وہ پانسہ میری چال کا ہے 
سب آڑی تر چھی لکیریں ہیں جو رنگ بھرے وہ پھیکے ہیں
تصویر جو میں نے بنائی ہے وہ خاکہ وہم و خیال کا ہے 
تم ملکِ غزل کو دعوے سے کہتے ہو رئیسؔ اپنا لیکن 
جاگیر ہے میرؔ و انشاؔ کی وہ غالبؔ کا اقبالؔ کا ہے
**




وہ میری ذات کو تقسیم کرنا چاہتا ہے 
مرے کردار کو دو نیم کرنا چاہتا ہے 
زبانِ غیر جو مخلوط کرتا ہے غزل میں
مری اردو کو کڑوا نیم کرنا چاہتا ہے
مرے احباب مجھ سے اس لیے شکوہ بہ لب ہیں
زمانہ کیوں مجھے تسلیم کرنا چاہتا ہے
کہ ڈستا ہے اُسے احساس جب بھی برتری کا 
مرے شعروں میں وہ ترمیم کرنا چاہتا ہے
ستاتا ہے رئیسؔ احساس ناکامی اُسے جب 
مری شہرت کو خ۔ ت، میم کرنا چاہتا ہے
**




بدن تو حلقۂ آشفتگاں میں رہتے ہیں
ہمارے ذہن مگر کہکشاں میں رہتے ہیں
ہزار تیر عدو کی کماں میں رہتے ہیں
مگر ہم اپنے خدا کی اماں میں رہتے ہیں
نہ بھولئے کہ زمیں انتقام لیتی ہے
دماغ آپ کے کیوں آسماں میں رہتے ہیں
زمانہ ان سے اگر لے سکے تو لے عبرت 
جو واقعات مری داستاں میں رہتے ہیں
ملاسکیں یہ حقائق سے آنکھ نا ممکن 
یہ لوگ آج بھی دشتِ گماں میں رہتے ہیں
زمیں سے لیتے ہی رہتے ہیں یہ لہو کا خراج 
نجوم یوں تو رئیسؔ آسماں میں رہتے ہیں
**




شہر یارِ وقت یوں تو جنّت ارضی کا تھا 
ہاں غلام اک ایک لمحہ میں تری مرضی کا تھا
ہم عقیدت سے عبادت تک تو جا پہنچے مگر 
دل حقیقت آشنا تھا ذہن خود غرضی کا تھا
کل جو اپنے آپ کو کہتا تھا خود ابن القلم
مسئلہ تحریر تک کرنا اُسے عرضی کا تھا
چیتھڑا تک جسم پر اپنا نہ تھا اُس شخص کو 
زعم لیکن کچھ زیادہ دولتِ فرضی کا تھا 
اُس کی ہر تحریر تھی افسوس بخشندہ رئیسؔ 
اور قلم محکوم میرا میری ہی مرضی کا تھا
**




شعروں میں خوش رنگ اشارے میرے ہیں 
معنی اور مفہوم بھی سارے میرے ہیں 
کیسے پھر یہ دنیا مجھ سے باہر ہے
میرا فلک اور چاند ستارے میرے ہیں 
میں بھی کہاں خود اپنی پرستش کرتا ہوں
سب قاری اور سامع پیارے میرے ہیں 
دنیا کی سب خوشیاں سارے نفع ترے 
دنیا کے سب زیاں خسارے میرے ہیں 
ناؤ شکستہ بے جاں بازو تند ہوا 
سوکھے دریا ٹوٹے کنارے میرے ہیں
کوئی نہیں تحریر ورق ہیں سب سادہ 
لفظوں کے بس اُڑتے شرارے میرے ہیں 
**



کس کو معلوم تھا اک روز کہ یوں ہونا تھا 
مستقل ضبط کا انجام جنوں ہونا تھا
عمر بھر زیست کے کاغذ پہ مشقت لکھنا 
یعنی اک شخص کا اس طرح بھی خوں ہونا تھا
بے حسی ملتی مجھے شہر میں جینے کے لیے 
یا مرا دستِ ہنردستِ فسوں ہونا تھا
فاصلہ قرب کی ساعت میں سمٹ سکتا تھا
سرجھکا تھا تو ترا دل بھی نگوں ہونا تھا
بنتے رہنا تھا رئیس آس کے تانے بانے 
کچھ تو جینے کے لیے وجہ سکوں ہونا تھا
**



دشتِ امکاں ہے شب مآبی سب 
ظلمت افزا ہے مہرتابی سب 
کون ارجن حریف تھا میرا 
وار بے کار تھے جوابی سب 
دیو مالائی سوچ کے منظر 
ذہن بیمار کی خرابی سب 
زرد رُت شاخ شاخ سوئی ہوئی
پھول گلدان میں گلابی سب 
آگ اُگلے گا ریت کا دریا 
پاؤں ہو جائیں گے حبابی سب 
خفت و بیدار کائنات خدا 
آسماں صرفِ نیم خوابی سب 
مطمئن کیا ہوئیں رئیس آنکھیں 
دل سے کافور اضطرابی سب 
**




چشم و لب ناآشنا تھے لفظ حق روشن ہوا 
وہ صدا روشن ہوئی ہر اک طبق روشن ہوا 
وصل کے لمحات کیا خیرہ نگاہی دے گئے
اُس کے چہرے پر بھی اک رنگِ شفق روشن ہوا
کیا وضاحت ، کیا معانی سب مرے محتاج تھے 
جب قلم اٹھا ہر اک لفظ ادق روشن ہوا
جب طلسم صبح نے تعبیر کو چہرے دیے
خوف سے جس خواب کا چہرہ تھا فق روشن ہوا 
اے رئیسؔ اک انتساب خاص کا فیضان ہے
لفظ سارے کھل اُٹھے ایک اک ورق روشن ہوا 
**



رہے گا رنگِ شفق محو گفتگو تجھ سے 
زمین پائے گی میرے لہو نمو تجھ سے 
ہجوم اشک مری چشم بے خطا سے نکل 
مرے غنیم کریں گے یہاں وضو تجھ سے 
نہ ضربِ سنگ تجھے میں نے خیر باد کہا
شرابِ درد نہ خالی ہوئے سبو تجھ سے 
بنائے رکھنا سدا صبر کو سپر اپنی 
شکست پائیں گے اک روز جنگجو تجھ سے 
حصارِ زعم و اَنا سے نکل کے سوچ ذرا
ہے بدگمان ترا آج کیوں لہو تجھ سے 
ثبوت فتح رئیس اور کیا ملے تجھ کو 
پناہ مانگ رہا ہے ترا عدو تجھ سے 
**



مسکرا کر مرے اشعار پہ لب تو رکھ دے
ایک لمحہ مری ہستی میں طرب تو رکھ دے
اپنے خوابوں کے دیے کب سے جلائے ہوئے ہوں
ایک مٹھی سہی گھر میں مرے شب تو رکھ دے
اس کے قطروں کی تراوت مجھے تڑپاتی ہے
غم کے دریا سے کہو اپنا غضب تو رکھ دے
میرے اور اپنے تقابل سے ذرا پہلے تو 
اپنی دولت سے خریدے یہ لقب تو رکھ دے
کس طرف جھکتی ہے پھر دیکھنا میزان تری
ایک پلڑے میں مرا نام ونسب تو رکھ دے
لاتعلق ہے اسی شے سے نئی نسل رئیسؔ
درمیاں اس کے لحاظ اور ادب تو رکھ لا دے
**



ہوائے تند کی زد پر دیا جاگے مسلسل 
مرے ہونٹوں پہ اک حرفِ دعا جاگے مسلسل 
رگِ جاں کے قریں وہ ، رابطہ جاگے مسلسل 
کہ ہر پل میرا دروازہ کھلا جاگے مسلسل 
میں جب مصلوب خود اپنی نظر میں ہو چکا ہوں
مرے ماتھے پہ کیوں میری خطا جاگے مسلسل 
ہجومِ بے کراں نے کر دیا پامال جس کو
نظر میں کیوں میری وہ راستہ جاگے مسلسل
ہمارے ارتقاء کے نام ہیں کتنی یہ صدیاں 
دلوں میں اب نہ خوفِ انتہا جاگے مسلسل 
**




جو زخم خوردہ تھے لہجے وہ پر تپاک ہوئے 
مری غزل کے سبھی شعر تابناک ہوئے 
لکھا ہے آنکھ کی پتلی پہ انتظار اب بھی 
زمانہ گزرا ہے بینائی کو ہلاک ہوئے 
نہ گیلی مٹی یہاں ہے نہ کوئی کوزہ گر
تو پھر یہ کس لیے گردش میں سارے چاک ہوئے 
وہ تیرتا ہوا تنکا بھی غرق ہو ہی گیا 
کسی طرح سہی اب ختم انہماک ہوئے 
تمام رات جلے جو الاؤ ماضی کے 
نمودِ صبح کے ہمراہ وہ بھی خاک ہوئے
کھلے یہ لب تو مقابل تھے جس قدر لہجے 
غرور و طنز کی آلودگی سے پاک ہوئے 
یہ کون سبز قدم ہے کہ جس کے آتے ہی 
تباہ ایک زمانے کے اشتراک ہوئے 
رئیسؔایک بھی قطرہ ملا نہ پیاسوں کو 
وہ مہربان تو مانندِ شاخِ تاک ہوئے 
**



عجیب پیاس عجب دھوپ کے حصار میں تھا
سفیر ابرِ بہاراں جو ریگ زار میں تھا
بجا کہ بحرِ رواں اُس کے اختیار میں تھا 
مگر وہ شخص سرابوں کے اعتبار میں تھا
وہ کیسے سہتا بھلا تیز وار سورج کے 
مکیں جو حلقۂ اشجارِ سایہ دار میں تھا
ہے یاد اب بھی ہوائے طلب کے ہاتھ کی ضرب 
کہ جب وجود مرا سخت انتشار میں تھا
اُس اعتبار کی کب سے تلاش ہے مجھ کو 
جو اعتبار دلِ طفلِ شیر خوار میں تھا
کبھی تو پھیل کے مضموں سے بھی گزر جاتا 
وہ ایک نقطہ جو الفاظ کے حصار میں تھا
رئیسؔ بنتا کوئی خاکۂ وفا کیسے 
ہوس کا رنگ جو شامل کسی کے پیار میں تھا
**




پردۂ دل پہ گئے وقت کے سائے رکھنا 
ربط گزرے ہوئے لمحوں سے بنائے رکھنا 
کام کچھ منتظر شب کو نہیں اس کے بجز! 
اپنی آنکھوں میں کوئی خواب سجائے رکھنا
غم بچھڑ جانے کے موسم کار ہے گا تازہ 
اُس کے لوٹ آنے کی تم آس لگائے رکھنا
اس سے پہلے کہ بجھے کوئی چراغ منزل
اک چراغ اور سرراہ جلائے رکھنا 
تم نے خسخانوں پہ پتھر تو اُچھالے ہیں مگر 
اپنے شیشے کے مکانوں کو بچائے رکھنا
دامنِ دل نہ رہے سادہ کسی لمحہ رئیسؔ 
اِک نہ اِک درد کا پیوند لگائے رکھنا
**




ہوا شعور تو خود آگہی کے پر نکلے
فصیلِ ذات میں خوش فہمیوں کے در نکلے 
نظرورانِ زمانہ جو کم نظر نکلے
بجز ہمارے سبھی لوگ معتبر نکلے 
میں اپنے قتل کا الزام کس کے سررکھتا 
جب اپنے ہاتھ ہی میرے لہو میں تر نکلے
تری تلاش میں اکثر سفیر یادوں کے 
ردائے خواب سر شام اوڑھ کر نکلے
ہوئیں دراز جو مہر سحر کی شمشیریں 
تمام جسموں کے سائے بریدہ سر نکلے
جنھیں تلاش تھی شاداب و سبز موسم کی 
انھیں کی راہ میں سو کھے ہوئے شجر نکلے 
**




ہو س کی جنگ میں آخر شکست فاش ملی
لہو لہان ہمیں خواہشوں کی لاش ملی
میں اپنے عہد کا آزر نہ کوہ کن لیکن 
ہر اک چٹان مجھے محوِ ارتعاش ملی
میں اپنے آپ میں کس کو سمیٹتا کہ مجھے 
خود اپنی ذات ہر اک لمحہ پاش پاش ملی
خراش چہرۂ شب یک بیک ہوئی روشن 
کہ تیرگی میں نہاں ماہِ نو کی قاش ملی
ضرورتوں سے مفر چاہتے تھے ہم لیکن 
چہار سمت فصیل غم معاش ملی 
کسی سے مل کے نظر مطمئن نہ تھی، یعنی 
ہر اِک تلاش لیے اک نئی تلاش ملی
**




تمام شہر میں ہے عام کاروبار ہوس 
کہ چہرے چہرے پہ چسپاں ہے اشتہار ہوس
ابھی رگوں میں ہے تلخی اعتبار ہوس 
بدن میں ٹوٹ رہا ہے ابھی خمارِ ہوس 
جو چل پڑے ہو تو انجام گمرہی سے ڈرو 
سپرد خاک نہ کر دے یہ رہ گزار ہوس 
ہوا ہے گرم نہ کمرے کی کھڑکیاں کھولو
نہ جانے شہر میں ٹھہرے کہاں غبار ہوس
فرار خواہش ہستی سے جب نہیں ممکن 
نفس کی قید کہیں یا اسے حصارِ ہوس 
**



کچھ اہتمام کرو شب نورد ہونے کا 
یہی ہے وقت رگ و پے میں درد ہونے کا
سوال یہ ہے کہ الزام کس کے سر جائے 
نوشتہ ہائے وفا فرد فرد ہونے کا 
کیا جو غور تو مسموم شخصیت نکلی 
گماں تھا اس پہ مجھے لاجورد ہونے کا 
پگھل رہے تھے حصار ہوس میں سب لیکن 
کسے خیال تھا سورج کے سرد ہونے کا 
وہ خاک و باد کے طوفاں میں کھو گیا اک دن 
جسے یقیں بھی نہ تھا اپنے گرد ہونے کا 
جھٹک کے پھینک نہ آنکھوں سے سبز منظر کو 
کہ ایک وقت ہے پتوں کے زرد ہونے کا 
وہ شخص شہر کی رنگینیوں میں ڈوب گیا 
کہ جس کو فخر تھا صحرا نورد ہونے کا 

**




یہ بے گناہی کا میری اک امتحان اور میں 
کھڑے ہیں سامنے منصف کے اک بیان اور میں 
نہ کوئی سبزہ اُگا اور نہ کوئی پھول کھلا 
رہے ہیں ایک سے دونوں سدا چٹان اور میں 
غریقِ آب تو پتوار ہو چکے کب کے 
ہوا کے رحم و کرم پہ ہیں بادبان اور میں 
روایتوں سے عقیدت رہی عروض کا پاس 
جدیدیت سے الجھتے رہے زبان اور میں 
زمین ہم پہ ہوئی تنگ کیوں رئیسؔ آخر 
ہمیشہ ایک رہے جبکہ آسمان اور میں 
**



سمندر ہوں تو وسعت دیکھ میری
اِدھر آ اور عظمت دیکھ میری
سلام افلاک مجھ کو کر رہے ہیں 
زمیں اُٹھ اور عزت دیکھ میری
لٹاتا ہوں میں خالی جیب ہو کر 
فقیرانہ سخاوت دیکھ میری
رعایا میں گدا و شاہ شامل
بفضلِ رب حکومت دیکھ میری
سبھی ہیں معتقد لفظوں کے میرے
غزل میں معنویت دیکھ میری
حروف انصاف مجھ سے مانگتے ہیں
مضامیں کی عدالت دیکھ میری
مرے شعروں میں ہے پیکر تراشی
تو آزر ہے تو جرأت دیکھ میری
**



قانون ہے کیا تیرا بتانے کے لیے آ
منصف ہے تو انصاف دلانے کے لیے آ
آنا ہے تو اقدار پہ چھانے کے لیے آ
لفظوں کے نئے پھول کھلانے کے لیے آ
تو برف کی پوشاک پہن اپنے بدن پر 
پھر آنا ہے تو آگ لگانے کے لیے آ
جس میں ترے اقرار کے رنگوں کی دھنک ہو
ایسی کوئی تصویر بنانے کے لیے آ
ماضی کا ورق حال نے بوسیدہ کیا ہے
بیتے ہوئے دن یاد دلانے کے لیے آ
مسمار نہ کر پائیں جسے خون کے رشتے 
ایسی کوئی دیوار اٹھانے کے لیے آ
حالات سے میں دست و گریباں ہوں اکیلا
کچھ تو بھی میرا ہاتھ بٹانے کے لیے آ
**




حالانکہ میری مٹھی میں قید آفتاب تھا
پھر بھی دبیز اندھیرا مرا ہم رکاب تھا
خود آگہی کا مجھ پہ یہ کیسا عذاب تھا
ہر سانس میں امڈتا ہوا انقلاب تھا
پھیلی ہوئی تھی آب پہ یوں کائی جا بہ جا
زخموں پہ جیسے خشک لہو کا نقاب تھا
خط اس کا تھا جہانِ معانی لئے ہوئے 
ہر لفظ اپنے آپ میں پوری کتاب تھا
ہر اک صدف کو خواہشِ گوہر تو تھی مگر 
کم مائیگی پہ اپنی پشیماں سحاب تھا
میرا مکاں ہی راہ کی دیوار بن گیا 
ورنہ رواں دواں تو بہت سیلِ آب تھا
**




فصیل ضبط پہ تھی اس طرح صدا مصلوب 
زباں کھلی تو ہوئی لب پہ ہر دعا مصلوب 
دیارِ سنگ میں بے جرم و بے خطا مصلوب 
قدم قدم پہ ہوئے درد آشنا مصلوب 
یہ کس نے آ کے سکوتِ رباب دل توڑا 
کہ خلوتیں تھیں سر ساز بے نوا مصلوب 
ہوئی جو رات ہمیں فرصت گناہ ملی 
لہو کی آگ نے بستر پہ کر دیا مصلوب 
شرارِ سنگ میں ڈھونڈ و رموز کوہ کنی 
ہر ایک ذرّہ پہ ہے تیشہ کی صدا مصلوب 
مری خطا بھی عجب تھی، مری سزا بھی عجب 
کہ جرم حق پہ مجھے کر دیا گیا مصلوب 
سکوت شہر کا قانون توڑنے پہ رئیسؔ
گلی گلی میں ہوئی چیختی ہوا مصلوب 
**




رگوں میں دوڑتا میٹھا سا زہر بولتا ہے
مرے وجود میں ہر لمحہ شہر بولتا ہے
زباں سے کچھ جو کہوں، ٹھہروں قابل تعزیر 
رہوں خموش تو پھر اس کا قہر بولتا ہے
پگھل نہ جائے یونہی قطرہ قطرہ میرا وجود 
ہر اشک آنکھوں سے بن بن کے نہر بولتا ہے
چھپاؤں کیسے بھلا کربِ اندروں اپنا 
جو ذہن میں ہے زباں سے وہ زہر بولتا ہے 
رئیس سانسیں بھی تیری ہیں ملکیت تیری 
یہ ایسا سچ ہے جسے ایک دہر بولتا ہے 
**




میں تاثر لئے لوٹا ہوں سفر سے کیا کیا 
زخم ہنستے ہوئے گزرے ہیں نظر سے کیا کیا 
بجھ سکی پیاس نہ تعبیر کے صحراؤں کی 
ابر خوابوں کے مری آنکھوں سے برسے کیا کیا 
گونجتی ہیں در و دیوار سے چیخیں اب تک 
قہقہے بھی کبھی ابھرے تھے کھنڈر سے کیا کیا
دیکھنا میں نے جدھر پھولوں کی بارش کی ہے
تیر برسیں گے مری سمت اُدھر سے کیا کیا 
ٹوٹ پایا نہ کبھی حسنِ یقیں کا شیشہ 
سنگِ اوہام مرے ذہن پہ برسے کیا کیا 
قطرۂ آب کی تقدیر صدف سے نکھری
ورنہ منسوب ہیں قصے تو گہرسے کیا کیا 
**



‮‮راہِ پر خار سے شعلوں سے کھنڈر سے گزرے 
جب بھی ہم اپنی امیدوں کے نگرسے گزرے 
رقعۂ دید پہ اک لفظ نہ لکھے وہ مگر 
لیکن اک بار تو قرطاسِ نظر سے گزرے 
معجزہ ! یہ کہ ہر اک راہ سنہری چمکے 
حادثہ ! یہ کہ اک انسان کدھر سے گزرے
خود فراموش و حنا رنگ حصاروں کے اسیر 
اُف وہ طائر جو عذابوں کے شجر سے گزرے 
حیف ! اُس ریت کی مورت سے شکایت ہے تمہیں 
جو بہر لمحہ بکھر جانے کے ڈرسے گزرے 
وہ کوئی عکس ہے منظر ہے کہ موسم ہے رئیسؔ 
رنگ برساتا چلا جائے جدھر سے گزرے 
**



بند ہے آج بھی ترسیل پہ راہِ الفاظ 
میں کہ مضمون ہوں پھر بھی ہوں تباہ الفاظ 
آج اوراق نوردی ہے مقدّر لیکن 
کل مورّخ مجھے ٹھہرائے گا شاہِ الفاظ 
میری گفتار میں اک درد ہے پنہاں لیکن 
کون سنتا ہے ترے شہر میں آہِ الفاظ 
کاش مفہوم گزیدہ کوئی پتھر ہی ملے 
سنگ زاروں میں بھٹکتی ہے نگاہِ الفاظ 
لوگ سمجھیں گے نہ جانیں گے مری بات مگر 
میرے سر آئے گا پھر بھی یہ گناہِ الفاظ 
ہوں وہ مفہوم جو شرمندۂ تعبیر نہیں 
ہے پنا ہوں میں مری خود ہی پناہ الفاظ 
برسرجنگ ہوں ترسیل کے میداں میں رئیسؔ 
قیدِ ابہام میں ہے پھر بھی سپاہِ الفاظ 
**




سمتِ منزل چھین لے گی بادباں لے جائے گی
یہ ہوائے تند خو جانے کہاں لے جائے گی
خوش ہیں وہ اپنے مکاں ساحل پہ بنوا کر مگر 
جب ندی بپھرے گی تو سارے مکاں لے جائے گی
اپنے شعروں کے میں ایک اک لفظ میں محفوظ ہوں 
زندگی کیسے مرا نام و نشاں لے جائے گی
سائے سے نفرت تو رغبت دھوپ سے ہو گی اُسے 
شہر کی پختہ سٹرک جانے کہاں لے جائے گی
یہ حرارت یہ تمازت تیرے لفظوں کی رئیسؔ 
ذہن و دل کے برف کی شدت کہاں لے جائے گی
**




میں اپنے گونگے ہاتھوں میں سنبھالے ہوں رباب و چنگ آ جاؤ
مغنی ہو تو ان رنگین شاموں میں ملا دو رنگ آ جاؤ 
تمہیں خوش فہمیاں اس جنگ میں خود ہی شکست فاش دے دیں گی
ازل سے غازیِ گفتار ہو تم کیا لڑو گے جنگ آ جاؤ
مجھے تسلیم! جرم پاک بازی لو میں اپنا سرجھکا تا ہوں
گنہگارو ! تم اپنے اپنے ہاتھوں میں اٹھائے سنگ آ جاؤ
اگر رسوائے محفل کر رہا ہے تم کو یہ نا معتبر لہجہ!
سکھادیں گے غزل گوئی کے تم کو ہم نرالے ڈھنگ آ جاؤ 
کماں کا نقص بھی دیکھو تمہارے تیروں سے ورنہ یہی ہو گا
قبا زخموں کی پہنے گا تمہارے جسم کا ہر انگ آ جاؤ 
سکوت محفلِ شعر و سخن گیتوں میں ڈھلنے دوکہ لب کھولو 
کریں بیدار پھر لفظ و معانی کے رباب و چنگ آ جاؤ 
**



سحر کے خواب لٹا، شب کے گھر سے واپس آ
نکل غبارِ طلب سے سفر سے واپس آ
خلوص و خیر کے سکّے کا وزن گھٹنے دے 
پیام امن بہ لب شہرِ شر سے واپس آ
ملے ہیں دستِ مشقت کو اَن گنت چھالے
کہ اب تو قصر مقدّر کے در سے واپس آ
پلٹ رہے ہیں پرندے بھی دن تمام ہوا 
نمودِ شام ہے اب تو سفر سے واپس آ
حقیقتوں کے اُجالے بلا رہے ہیں تجھے 
خیال و خواب کی اندھی ڈگر سے واپس آ
نہ ٹوٹ جائے کسی کا غرور تشنہ لبی 
سمندر! آ کہ در کوزہ گرسے واپس آ
خود آگہی کا جنوں دشتِ خامشی دے گا
مکانِ ذات کے ویراں کھنڈر سے واپس آ
**




روز اک خواب مسلسل اور میں 
رات بھر یادوں کا جنگل اور میں
ہاتھ کوئی بھی سہارے کو نہیں
پاؤں کے نیچے ہے دلدل اور میں
سوچتا ہوں شب گزاروں اب کہاں
گھر کا دروازہ مقفّل اور میں 
ہر قدم تاریکیاں ہیں ہم رکاب
اب کوئی جگنو نہ مشعل اور میں
ہے ہر اک پل خوف رقصاں موت کا
چارسو ہے شورِ مقتل اور میں
شعر کہنا اب رئیس آساں نہیں 
سامنے اک چہرہ مہمل اور میں
**


خون ہے کس کا پسِ عزّ و شرف دیکھ تو لے 
تو ہے خود اپنے ہی تیروں کا ہدف دیکھ تو لے 
اے ثمر بار شجر ہے یہ تغافل کیسا؟ 
ہیں بہت لوگ یہاں سنگ بہ کف دیکھ تو لے 
زرد شاخوں پہ بسیرا ہے نہ جانے کب سے 
موسم سبزکبھی میری طرف دیکھ تو لے 
ابرنیساں نہ برس یہ تری مرضی لیکن 
کتنا پیا سا ہے لب جو یہ صدف دیکھ تو لے 
تیرے نغمات کے مرہم کی ضرورت ہے بہت 
زخم خوردہ ہے مرے ہاتھ میں دف دیکھ تو لے 
دامن موجِ شب تار میں پلنے والے 
سر حد شب پہ چراغوں کی یہ صف دیکھ تو لے 
**




کیا عجب زیر و زبر کا مسئلہ درپیش ہے
آسماں ہوں اور گھر کا مسئلہ درپیش ہے
ان سلگتے ریگ زاروں کے سفر میں اب ہمیں 
ہر قدم پر اک شجر کا مسئلہ درپیش ہے
جب کوئی چہرہ نہ اُبھرا صفحۂ قرطاس پر 
پھر تو خود اپنے ہنر کا مسئلہ در پیش ہے
بار ہے اب تو سماعت پر خود اپنی بازگشت 
گنبد بے در میں در کا مسئلہ در پیش ہے
جستجوئے شب ہوئی ہے صبح سے پہلے ہمیں 
شام ڈھلتے ہی سحر کا مسئلہ در پیش ہے
پھر حصارِ ذات سے باہر بلاتا ہے کوئی 
پھر کسی لمبے سفر کا مسئلہ در پیش ہے
**




بلا کی ٹھنڈ ہے یخ بستگی مکان میں ہے
لہو کی آگ مرے جسم کی امان میں ہے
ٹھہر گئی ہے ہوا جانے کس گمان میں ہے
مگر تناؤ ابھی میرے بادبان میں ہے
تو اپنا شوقِ شہادت ابھی سنبھال کے رکھ
کہ میرا تیر ابھی تک مری کمان میں ہے 
سنے جو تیری صدا کھنچ کے خود چلا آئے 
نہ جانے کون سا جادو تری زبان میں ہے
وہ روز جھوٹ نیا بولتا ہے یوں مجھ سے 
رئیسؔ ! یہ جو صداقت مرے بیان میں ہے
**





جو تو مجھ کو چاہے  تو معتوب کر دے
مگر میرے الفاظ کو خوب کر دے
میں اس عہدِ نو میں نہیں جی سکوں گا
کرم ہو گا تو مجھ کو مجذوب کر دے
سمندر تو دھرتی سے چپکا ہوا ہے
مجھے ماہ و انجم سے منسوب کر دے
مجھے بحر اخلاص کہنے سے پہلے 
ثبوت اس کا مجھ میں ذرا ڈوب کر دے
قلم تو نہیں مستحق اس سزا کا 
مری انگلیوں ہی کو مضروب کر دے
تجھے ساری دنیا ہی کہتی ہے غالب 
کبھی میرے فن کو بھی مغلوب کر دے
**





تمہیں گماں ہے کہ گھر کا چراغ مانگا ہے
ہوا نے مجھ سے مرے دل کا باغ مانگا ہے
ذخیرہ لفظوں کا کم تھا نہ فکر ہی محدود 
عجیب شخص ہے جس نے دماغ مانگا ہے
فضول ٹھہرا ہے راتوں سے رابطہ رکھنا 
کہ دن سے خوابوں نے میرا سراغ مانگا ہے
تمام شہر ہی پیا سا ہے کر بلا کی طرح 
سبھی نے میرے لہو کا ایاغ مانگا ہے
تری طلب پہ تو حیران آسماں ہے رئیسؔ
کہ تو نے چاند نہیں اس کا داغ مانگا ہے
**




تھما ہوا مری آنکھوں میں کیا سمندر تھا
کہ غرقِ آب ہر اک سامنے کا منظر تھا
جگا دیا مجھے کس نے اُچھال کر پتھر 
میں اپنے آپ میں سویا ہوا سمندر تھا
پتہ نہیں کہ لگا زخم کس کے ہاتھوں سے 
تمہارے ہاتھ میں دیکھا تھا میں نے پتھر تھا 
دعائے موسم گل خیمہ زن تھی ہونٹوں پر 
مگر یہ دشتِ خزاں ہی مرا مقدر تھا
کسی کے خوں میں نہ تھی انکسار کی خوشبو
ہر ایک شخص کا قاتل انا کا خنجر تھا
اُسی کے ہونٹوں پہ اب خامشی کے پہرے ہیں 
جو اپنے عہد کا مانا ہوا سخن ور تھا
**



وہ غم دے کر مجھے بے تاب کر دے 
جو بے حس پتھروں کو آب کر دے
مری راہیں جو کیں مسدود تو نے 
مری آنکھوں کو بھی بے خواب کر دے 
مری بستی میں سب کچے مکاں ہیں
نہ ان کو منہدم سیلاب کر دے 
بہت تاریک ہے شہرِ مضامیں 
مرے ہر لفظ کو مہتاب کر دے 
تڑپتی ہیں بہت تشنہ زمینیں 
فلک ان کو بھی اب سیراب کر دے 
مجھے کافی رئیسؔ الدین ہونا 
زر افشاں وادیِ احباب کر دے 
**




اس بے جان صدی کا لمحہ لمحہ بوڑھا لگتا ہے
حد ہے شہر کے بچوں کا بھی چہرہ بوڑھا لگتا ہے
سبزرتوں کے رنگ جمے ہیں یوں تو میری آنکھوں میں 
لیکن سچ کی بیل کا بھی ہر پتہ بوڑھا لگتا ہے
کون سے یگ میں جا کر آخر دیکھ رہا ہوں میں خود کو 
آج تو اپنا عزم بھی مجھ کو بوڑھا بوڑھا لگتا ہے
اس سے تو بہتر ہیں اپنے خواب کہ آؤ سو جائیں 
بوڑھی دادی کا تواب ہر قصہ بوڑھا لگتا ہے 
مطلب اور معیار بدل جاتے ہیں آتے پل کے ساتھ 
مستقبل کی آنکھ سے ہر اک سایہ بوڑھا لگتا ہے 
دن نکلے میں شہر گیا تھا شام ڈھلے ہی لوٹ آیا 
لیکن گاؤں میں سب کہتے ہیں للّا بوڑھا لگتا ہے
صرف قدو قامت میں کیسے ڈھونڈو گے بچپن کو رئیسؔ 
اب تو شہر کا بچہ بچہ بوڑھا بوڑھا لگتا ہے
**




اور کیا حسن صداقت کا صلہ دے گا مجھے 
جو بھی وہ دیگا بہ شکلِ خوں بہا دے گا مجھے 
تومسیحابن کے آیا ہے تو کیا دے گا مجھے 
زہر قاتل صورتِ آبِ بقا دے گا مجھے
آسماں تکتی ہے بیٹھی ریت پر کشتی کہ اب 
بارشیں ہوں گی تو پھر دریا خدا دے گا مجھے 
زرد رت دیکھوں گا گھر کے صحن میں بکھری ہوئی 
جب بھی خوابِ سبز بستر سے اُٹھا دے گا مجھے 
کیا خبر تھی جس کے چہرے پر خراشیں ہیں وہی 
تحفۃً اک دن شکستہ آئینہ دے گا مجھے 
جانتا ہوں خامشی کھولے گی اسرارِ سخن 
وہ قلم کر کے زباں حرف و نوا دے گا مجھے 
**




نصب تھا رستے میں آئینہ عجب 
اس میں دیکھا تو لگا چہرہ عجب 
ایک تو حائل ہوئی میری انا 
اور کچھ تیرا بھی تھا لہجہ عجب 
ڈر گئے ہم اپنی ہی پرچھائیں سے 
کھا گئے بے ساختہ دھوکا عجب 
ڈوبتے کردار سورج بن گئے
چھڑ گیا تھا رات اک قصہ عجب 
خامۂ خوں رقعۂ جاں شاعری 
یہ ملا اجداد سے ورثہ عجب 
جانے کب اگلا قدم دلدل میں ہو 
دل میں کیوں رہتا ہے یہ خدشہ عجب 
تجربوں پر جب بھی کچھ سوچارئیسؔ 
کھنچ گیا نظروں میں اک خاکہ عجب 
**




میرا وجود ایک سبق ہو کے رہ گیا 
جب میں کٹا پھٹا ساورق ہوکے رہ گیا 
آہیں پریشاں روحوں کی اتنی بلند تھیں 
اچھا بھلا مکان بھی شق ہو کے رہ گیا 
دولت نے آج کیسا کرشمہ دکھا دیا 
قبضہ جو غاصبانہ تھا حق ہوکے رہ گیا 
نکلے تو کیسے نکلے رواں سی کوئی غزل 
یہ قافیہ تو یار ادق ہو کے رہ گیا 
کیا بات ہے کہ اُس پہ نظر پڑتے ہی رئیسؔ 
عارض کا رنگ، رنگِ شفق ہوکے رہ گیا 
**




آنکھوں میں سجائی ہوئی تقدیر نہیں کچھ
سب رنگ تو خاکوں میں ہیں تصویر نہیں کچھ
لکھّیں تو کئی آیتیں ہم نے بھی جنوں میں
اب ڈھونڈ نے بیٹھے ہیں تو تفسیر نہیں کچھ
اے ماضی ٴ بے نقش تجھے کیسے پڑھوں میں
اوراق ہیں سادہ ترے تحریر نہیں کچھ
بخشی ہیں مجھے حسرتیں کیا شوق سفر نے
پیروں کو مرے گھر کی بھی زنجیر نہیں کچھ
اک کیف سا رقصاں ہے مری روح میں اب بھی 
اب شعلوں میں بھی سوختہ تاثیر نہیں کچھ
قوت تو زیادہ ہے رئیس اب بھی قلم میں 
یہ موج میں آ جائے تو شمشیر نہیں کچھ
**




آس منزل کی عبث یار گرا دیتے ہیں
پھنس کے طوفان میں پتوار گرا دیتے ہیں
دور اندیش تو برسات سے پہلے خود ہی 
گھر کی ہلتی ہوئی دیوار گرا دیتے ہیں
اہمیت گر نہیں ملتی تو سیاسی تاجر
قبل از وقت ہی سرکار گرا دیتے ہیں
آبلہ پائی پہ نازاں ہیں مسافر اب تک
آئیے راہ میں کچھ خار گرا دیتے ہیں
جن کا ایمان بدل دیتی ہے سکّوں کی کھنک 
فن کی قیمت وہی فن کار گرا دیتے ہیں
ظرف کس کا ہے یہاں کتنا ذرا دیکھ ہی لیں
چند سکّے سرِ بازار گرا دیتے ہیں
سربلندی کبھی ملتی ہی نہیں اُن کو رئیسؔ
ہوکے مرعوب جو دستار گرا دیتے ہیں
**





دشمنوں سے نکلے گا کوئی درد مند اِک دِن 
اور ٹوٹ جائے گا آنسوؤں کا بند اِک دِن 
میں ہوں ایک شہزادہ حوصلوں کی بستی کا 
دیکھنا کہ ڈالوں گا چاند پر کمند اِک دِن 
روز کس پہ برسیں گے پتھروں کو یہ غم ہے
آئنوں کو کیا پروا آئنے ہیں چند اِک دن 
خندقیں بنائی ہیں دوستوں نے راہوں میں 
اے خدا مجھے دینا قوتِ زقند اِک دِن 
الوداعی لمحوں کو آنکھوں میں بسا رکھنا 
لوٹ آئے گا تنہا یہ مرا سمند اِک دِن 
اب تو میرے ہونٹوں پر لفظ تک نہیں آتے 
میرا خشک لہجہ بھی سب کو تھا پسند اِک دِن 
سب کو راستہ دے کر کیا خبر تھی خود پر ہی 
اے رئیسؔ کر لوں گاراستوں کو بند  اِک دن 
**




اِن سلگتے ڈھیروں میں کیا تلاش کرتے ہو
کیوں چتاؤں کے سینے پاش پاش کرتے ہو
کیا خبر انھیں آندھی کب کہیں اُڑا لے جائے 
کاغذی مکانوں میں بود و باش کرتے ہو 
جانتے ہو اُس گھر سے کیا جواب آئے گا
دے کے دستکیں خود کو کیوں نراش کرتے ہو
آس پاس صدیوں سے چیختا ہے سناٹا 
اس کھنڈر میں اے لوگو ! کیا تلاش کرتے ہو
شخصیت کا جادو تو ہے رئیس تم پر بھی
گفتگو مگر تم بھی دل خراش کرتے ہو
**


پھر وہی نمناک اور ٹھنڈی ہوائیں اے خدا 
خشک دھرتی مانگتی ہے پھر گھٹائیں اے خدا 
ہو گئے تھے عید کی رنگین ساعت میں جو گم 
ڈھونڈتی ہیں اَب بھی اُن بچوں کو مائیں اے خدا 
آنکھ کی بے چارگی کا کون سالمحہ ہے یہ 
کھنچ گئی ہیں کتنے جسموں کی ردائیں اے خدا 
سبز موسم کی نشانی ہے یہ برگ زرد بھی 
لے نہ جائیں شاخ سے اس کو ہوائیں اے خدا 
جگمگا اُٹھے چراغوں سے سبھی ویراں کھنڈر 
رقص کرتی ہیں مگر اب بھی بلائیں اے خدا 
دن نے کر ڈالے مرے سارے ورق بے رنگ و نور
اُنگلیاں شب کی کہاں خاکے بنائیں اے خدا 
تیرا مہماں بن گیا ہے جن کا جراّحِ اَدب 
زخم لفظوں کے وہ اَب کس کو دکھائیں اے خدا 
زرد رو مدقوق بچے پھر رہے ہیں ہر گلی 
اور دیواروں پہ لکھی ہیں دعائیں اے خدا 
بن گئی ہیں اس رئیسؔ بے انا کے واسطے 
وجہ عزت دشمنوں کی بد دعائیں اے خدا 
**




مدتوں بھٹکا ہوں میں اب کوئی رستہ دیدے 
یا مرے سر کے لیے ابر کا ٹکڑا دیدے 
آئینے کب سے بتاتے ہیں مجھے بے چہرہ 
میرے خاموش صحیفے مجھے چہرہ دیدے 
تھک گئیں آسماں تکتے ہوئے میری آنکھیں 
میں ہوں صحرا تو مجھے بھی کوئی دریا دیدے 
اپنی آواز سے تصویر بنا دوں تیری 
میرے بکھرے ہوئے لفظوں کو سراپا دیدے
اس کی ہر جنبش ابرو کو میں پہچانتا ہوں 
لاکھ اے چشمِ ہنر تو مجھے دھوکا دیدے 
اشک بھی برف کی مانند نہ جم جائیں رئیسؔ 
اس سے کہنا کہ بس اک لمس کا لہر ا دیدے 
**




ہوا کا لہجہ بھی اس درجہ سرد ہونے لگا 
کہ برگ برگ درختوں کا زرد ہونے لگا
کہاں ہے شہر میں اب صاحبِ عمل کوئی 
جسے بھی دیکھئے باتوں کا مرد ہونے لگا
لکھا تو کچھ بھی نہ تھا ہجر کے قلم نے ابھی 
مگر یہ رقعۂ جاں فرد فرد ہونے لگا
جو شخص رات کی رنگینیوں کا خالق تھا
وہ دن نکلتے ہی صحرا نورد ہونے لگا
ابھی سفر کا ارادہ کیا تھا میں نے رئیسؔ 
مرا وجود مگر گرد گرد ہونے لگا
**



خموش رنگِ مصور ہے نصف خاکہ چپ 
ابھی تورات کا جادو ہوا ہے آدھا چپ 
چٹکتی دھوپ سفر سائباں نہ کوئی شجر 
نظر میں بولتی منزل مگر ارادہ چپ 
کرے گی قرض ادا نطق کا ہر اک تحریر 
وہ بے زباں ہی سہی کب قلم رہے گا چپ 
بہ فیضِ عزم ملی منزلِ گلاب اُسے 
جو راہِ خار پہ چلتا رہا ہمیشہ چپ 
نظر میں غالباً اُس کے ہے زرد رُت رقصاں 
ہے سبز شاخ پر بیٹھا ہوا پرندہ چپ 
وہ ایک عمر سے میرا رفیق ہے پھر بھی 
ہے درمیان مگر مصلحت کا پردہ چپ 
تمام شہر، محلہ، گلی، مکاں میرا 
اور اجنبی کی طرح میں کھڑا ہوں تنہا چپ 
وہ سلوٹوں کو چھپا لے گا اپنے چہرے کی 
ڈھلے گی رات تو کیا رہ سکے گا غازہ چپ 
کوئی ثبوت ملے تو رئیس کیسے ملے 
گلی میں شور بپا تھا مگر محلہ چپ 
**



اک تجس سا پھر بو گئیں آہٹیں 
راستوں میں کہیں کھو گئیں آہٹیں 
پھر کسی کی نظر پھول چننے لگی 
پھر مجسّم ، کہیں ہو گئیں آہٹیں 
دیکھتے ہی چٹخنے لگے آئینے 
تخمِ تخریب پھر بو گئیں آہٹیں 
برہمی برہمی سے گلے مل گئی 
داغ سینے کے جب دھو گئیں آہٹیں 
بے سماعت بصارت کا حاصل ہے کیا 
کس سے پوچھیں کدھر کو گئیں آہٹیں 
عمر بھر ریگ زاروں میں چلنا پڑا 
مجھ سے ناراض کیا ہو گئیں آہٹیں 
ذہن میں اے رئیسؔ ایک طوفان ہے 
کیا بگولہ صفت ہو گئیں آہٹیں 
**



شق شدہ دیکھوں کہ میں جو بھی عمارت دیکھوں 
کیسے چہروں پر مکینوں کے بشاشت دیکھوں
 صفحہ شب پہ لکھا لفظِ عبادت دیکھوں
اور اُجالوں پہ گناہوں کی عبارت دیکھوں 
صرفِ افکار ہر اِک طفلِ جہاں ہے اب تو 
کیسے معصوم ارادوں میں شرارت دیکھوں 
آئنہ خانوں کی توجیہہ بجا ہے لیکن 
کیسے راہوں میں پڑے سنگِ ندامت دیکھوں 
کون ہے آج بجز میرے سخنور ! لیکن 
سب کو دعویٰ ہے یہی کس کی بلاغت دیکھوں 
شعلہ زاروں کی بجھی آگ سے ہوں وابستہ 
کیسے برفیلی چٹانوں میں حرارت دیکھوں
کیا عجب ہے کہ رئیس آج شرافت کے طفیل 
ساری دنیا کی نگاہوں میں حقارت دیکھوں 
**




نہ چڑھ سکا کسی دل پر وہ رنگ ہوں میں تو 
بہت دنوں سے فقط اپنے سنگ ہوں میں تو 
حریف تیرو کماں لے کے آئے ہیں بیکار 
خود اپنے آپ ہی سے محوِ جنگ ہوں میں تو 
مری ہی آنکھیں مجھے تک رہی ہیں حسرت سے 
جدا جو تن سے ہوا ہے وہ انگ ہوں میں تو
کبھی یہاں بھی رہا تھا یقیں نہیں آتا 
یہ شہر کیسا ہے میرا کہ دنگ ہوں میں تو 
مجھے نہ دل میں بساؤ نہ آنکھ میں ورنہ 
اُچھال آئے گا خوں میں ترنگ ہوں میں تو 
مجھے ہوائیں کہاں سے تلاش کر لائیں 
جو کٹ چکی تھی کبھی وہ پتنگ ہوں میں تو 
رئیسؔ شہر کی تہذیب سے جدا ہو کر 
خود اپنے دل کے لیے وجہ ننگ ہوں میں تو 
**




وادیِ ذہن میں جشن صدمات ہے اور بازار ہے
جیب ہے دھجیاں ہاتھ پر ہات ہے اور بازار ہے
بارِ مصروفیت نصف قید اور ہوں نصف آزاد میں 
دوستوں سے اَدھوری ملاقات ہے اور بازار ہے 
میری تنہائیاں گھر کی تاریک کھڑکی سے دیکھیں تو بس 
اِک مسلسل سفررات ہی رات ہے اور بازار ہے
دوستوں کی جماعت پہ بھی لگ گئیں کتنی پابندیاں 
اب توہر شخص خود اپنے ہی سات ہے اور بازار ہے
بے ردا، بے قبا، نیم بالغ بدن اور ہوسناکیاں 
کیسی معصوم اشکوں کی برسات ہے اور بازار ہے
**




کیسے سنوں میں قرب کی خوشیوں کی آہٹیں 
گھیرے ہوئے ہیں قلب کو صدموں کی آہٹیں 
آنے لگی ہیں گاؤں کے منظر کے آس پاس 
اُس بے لباس شہر کے قدموں کی آہٹیں 
مفہوم کا سفر ہے صحیفوں کے شہر میں 
گونجیں ورق ورق مرے لفظوں کی آہٹیں 
پھر آگیا ہوں شہر تخیل میں وقت شام 
پھر ہیں نواحِ فکر میں شعروں کی آہٹیں
جلنا چراغِ درد کا جیسے کہ اے رئیسؔ 
بے رنگ خواب زار میں رنگوں کی آہٹیں
**




کہیں پہ قحط کہیں سیلِ آب جاگتے ہیں
مرے یہاں تو بلا کے عذاب جاگتے ہیں
عجیب بات کہ تعبیریں سوتی رہتی ہیں
ہماری آنکھوں میں ہر آن خواب جاگتے ہیں
تم اپنی پیاس کو رہنے دو محوِ خواب یونہی 
کہ بحر بحر ابھی تو سراب جاگتے ہیں
ضعیف جسموں کے سائے بھی دھند ہونے لگے 
مگر دلوں میں غموں کے شباب جاگتے ہیں
تھپک رہی ہیں انہیں وصل کی رتیں لیکن 
عذابِ ہجر میں خانہ خراب جاگتے ہیں 
یہ بختِ خفتہ الگ ایک مسئلہ ہے رئیسؔ 
کہ جاگنے کو تو ہم بے حساب جاگتے ہیں
**




خیر سے صبر و تو کل ہے قرینہ میرا 
کون کہتا ہے کہ دشوار ہے جینا میرا
بادباں فکر کے پتوار معانی کے ہیں 
ڈوب سکتا نہیں لفظوں کا سفینہ میرا 
بعد میرے مرے بچوں کی وراثت کیا ہے 
یہ کتابیں یہ رسالے ہیں خزینہ میرا 
کچھ توقع نہیں آنے کی کسی کے لیکن 
شام ہوتے ہی دھڑک اٹھتا ہے سینہ میرا 
کیوں مرے عہد کے بچے ہیں مسائل کے شکار 
شق ہوا جاتا ہے اس درد سے سینہ میرا 
**



ابر دے اور نہ دریا نہ شجر دے مجھ کو 
حوصلہ دشت نوردی کا اگر دے مجھ کو 
یونہی رِس رِس کے جو مٹنا ہے مقدر میرا 
برف کا جسم بنا دھوپ کا گھر دے مجھ کو 
کیوں تعاقب میں ہیں احساس کی زنجیر لیے 
میرے معصوم گناہوں سے مفر دے مجھ کو 
کون آئے گا یہاں اپنی بصارت کھولے 
میں کہ تاریک جزیرہ ہوں سحر دے مجھ کو 
ظرفِ خالی کی طرح جینے کا انداز سکھا
ورنہ پھر دولتِ اخلاص سے بھر دے مجھ کو 
لوگ کہتے ہیں کہ احساس سے عاری ہوں میں 
صرف پتھر نہ بنا دیدۂ تر دے مجھ کو 
**




پلٹ کے دیکھ لیا زخم کھا کے رہتے کیوں 
تھے ہم پہ تیر و کماں بھی تو وار سہتے کیوں 
یہ ہے کسی کے دکھے دل کی بد دعا ورنہ 
امین نور کے شمس و قمر تھے گھٹتے کیوں 
بھڑک نہ اُٹھتے رگوں میں جو شعلہ ہائے ہوس
تو برف زار میں ہم آگ بن کے بہتے کیوں 
ہمیں بھی آدمیت کا ثبوت دینا تھا
فرشتہ بن کے جہانِ طلب میں رہتے کیوں
خدا جو کام چلاتا بغیر بارش کے 
مکان ریت کے پھر بارشوں میں ڈھہتے کیوں 
**




صحراؤں سے تم نے مرے رشتے نہیں دیکھے
لپٹے ہوئے قدموں سے بگولے نہیں دیکھے 
جو ہو گئے افکار میں بوڑھے نہیں دیکھے 
کیا آپ نے ایسے کہیں بچے نہیں دیکھے
آسانی سے کر دیں جنہیں مسمار ہوائیں 
گھر کچے تو دیکھے مگر ایسے نہیں دیکھے 
آواز کے نشے میں ہو مسرور کہ تم نے 
ہونٹوں سے نکلتے ہوئے شعلے نہیں دیکھے 
ماں باپ سے رُوٹھی ہوئی اولاد نے شاید 
شاخوں سے لپٹتے ہوئے پتّے نہیں دیکھے
مدّت سے رئیسؔ اپنے میں گھر سے نہیں نکلا
مدّت سے مرے پاؤں نے رستے نہیں دیکھے 
**



کس طرف جائے گی یہ راہ گزر کیا دیکھوں 
چل پڑا ہوں تو پھر اب سمتِ سفر کیا دیکھوں 
زرد موسم کا ہر اک راز عیاں ہے مجھ پر 
اَب تری سمت میں اے سبز شجر کیا دیکھوں 
شام تا شب کوئی اخبار نکالوں لیکن 
صبح کے شہر میں خوابوں کی خبر کیا دیکھوں
ان سے وابستہ مرا عہد جوانی ہے مگر 
شہر تفریح کے بوسیدہ کھنڈر کیا دیکھوں 
میں کہ مفہوم گزیدہ ہوں مضامیں بہ قلم 
سنگِ تحریر پہ لفظوں کا اثر کیا دیکھوں 
رنگ بھرنے کے لیے خاکوں میں خوں ہے درکار
شام تو دیکھ لی تصویرِ سحر کیا دیکھوں 
سربریدہ ہے مرے شہر میں ہر شخص رئیسؔ 
اپنے شانوں پہ رکھا اپنا میں سرکیا دیکھوں
**



صحن تیرہ میں اُجالوں کا شجر تو ہوتا 
منظرِ وہم سہی وقفِ نظر تو ہوتا 
راہ بر تجھ کو میں تسلیم بھی کرتا لیکن 
میری راہوں میں کوئی عکسِ سفر تو ہوتا
تھم بھی سکتے تھے گناہوں کے کھنکتے گھنگرو 
شب کے آنگن میں کبھی رقصِ سحر تو ہوتا 
طنز و تشنیع رقیباں سے نہ ڈرتا لیکن 
اپنے احساس کے شعلوں سے مفر تو ہوتا 
ہم تصور ہی کی شمعوں سے منوّر کرتے 
لیکن اس وادیِ افلاس میں گھر تو ہوتا 
اے رئیس اس کو دکھاتا دل ریزہ ریزہ 
گنبد لفظِ ملاقات میں در تو ہوتا 
**



مجھے عجیب تری دوستی کا ڈھنگ لگے 
ادا ادا میں تری اہتمامِ جنگ لگے 
مرا قلم مری شمشیر ہے محافظ ہے 
مری دعا ہے کہ اس کو کبھی نہ زنگ لگے 
کٹھن ہوا ہے یہاں اب تو سانس لینا بھی 
حصارِ ارض وسما مجھ کو اتنا تنگ لگے 
ہمیں ہو درد کا احساس قہقہوں میں بھی 
اور اُن کو آہ و بکا بھی رباب و چنگ لگے 
تو زندگی میں مرا ہم سفر نہیں لیکن 
ترا وجود بہر لمحہ میرے سنگ لگے 
رئیسؔ خواب کے لمحے بھی کیا قیامت ہیں 
نظر تو ڈور لگے چندرما پتنگ لگے 
**




مرے قدموں تلے افلاک کر دے 
جہاں دونوں مری املاک کر دے 
کھنڈر خوابوں سے اے غافل نکل آ
گریبانِ سحر کو چاک کر دے 
سراپا درد مجھ کو کر دیا ہے
مری آنکھوں کو بھی نمناک کر دے 
وہ چاہے  تو ڈبو دے سائے کو بھی 
وہ چاہے  سنگ کو تیراک کر دے 
سبھی سے چھین لے یہ چبھتے فقرے 
ہر اک مخلص کا لہجہ پاک کر دے
رئیسؔ اَب جھوٹ کے پھل پک چکے ہیں 
بس اِک پتھر نشانہ تاک کر دے 
**



نہ کام آئے گی میرے یہ بے زبانی کیا
سناسکے گا نہ چہرہ مری کہانی کیا
زمین دشتِ غزل تو ہی خود بتا میں نے
سرابِ لفظ کو بخشے نہیں معانی کیا
ہر ایک روز نئی جستجو نئی منزل
ہمارے پیروں سے لپٹی ہے بے مکانی کیا
میں لمحہ لمحہ نئے بیج بوتا رہتا ہوں
زمینِ فکر کرے گی نہ مہربانی کیا
ورق ورق جو مضامیں کی فصل کاٹتا ہوں
دیے ہیں فکر نے بازو مجھے کسانی کیا
سفیر شہرِ دِگر بھیگے بھیگے آتے ہیں
مرے ہی شہر میں برسا نہیں ہے پانی کیا
ہر ایک رات رئیس آسماں سے پوچھتا ہوں
نہ ختم ہو گی کبھی تیری بدگمانی کیا
**



ہے نظر میں خانۂ بے بام و در بکھرا ہوا 
یعنی اب ہے زیست کا لمبا سفر بکھرا ہوا 
پتھروں کے شہر میں کوئی جنوں کی داد دے 
میرے شانوں پر رکھا ہے میرا سر بکھر ہوا 
ہم برائے خیر سوئے دشت و صحرا چل پڑے 
بستیوں میں ہر طرف ہے شور و شر بکھرا ہوا 
میں کہ ہوں شرمندۂ نقش و نگارِ زندگی 
آسمانِ رنگ ہوں خود میں مگر بکھرا ہوا 
صحن خانہ میں مچلتے جھومتے بر گد کا غم 
کس بلا کا حبس ہے شام و سحر بکھرا ہوا
خود فریبی کی کروں تلقین کس کو اے رئیس 
خود مرا زعم انا ہے دربدر بکھرا ہوا 
**



اٹھا دی اُس نے اک دیوار لیکن
اِدھر آتی ہے کیوں مہکار لیکن 
مجھے دیکھا تو اس نے سر اُٹھا کر 
زمیں پر جا گری دستار لیکن 
ہوئی طوفاں میں کشتی غرق میری
نہ چھوڑی ہاتھ نے پتوار لیکن
کوئی بولی لگاتا ہی نہیں تھا
سجے تھے ہم سربازار لیکن
وہ باتیں ہوش کی سی کر رہا ہے
جنوں کے ہیں سبھی آثار لیکن
وہ آمادہ تو میرے قتل پر تھا 
اُٹھی ہی رہ گئی تلوار لیکن 
رئیس اُس نے چھپائی اصلیت تو
وہ چہرہ بن گیا اخبار لیکن
**



بسی ہوئی ہے دلوں میں ماضی کی چاہ اب بھی 
کھنڈر حویلی کو چومتی ہے نگاہ اب بھی 
دعا لبوں پر کہ نیکیوں کی ہو روز بارش 
اُگل رہی ہیں مگر زمینیں گناہ اب بھی 
چہار جانب کھلے ہوئے ہیں جدید رستے 
ہے میرے سر پر روایتوں کی کلاہ اب بھی 
سفر میں سایہ، درخت، سب کچھ مجھے میسر 
مگر نگاہیں تو ڈھونڈتی ہیں پناہ اب بھی 
سکون شہروں میں ہے بظاہر رئیسؔ لیکن 
بسا ہوا ہے دلوں میں خوفِ سپاہ اب بھی 
**




وہ منظر سامنے ہے میری حیرانی نہیں جاتی 
ہوا ہے بند اور دریا سے طغیانی نہیں جاتی 
سمجھتا ہوں کہ میرے خواب ہیں تعبیر سے عاری 
مگر آنکھوں سے خوابوں کی نگہبانی نہیں جاتی 
چمکتے شہر نے آنکھوں کو خیرہ کر دیا اتنا 
کہ مجھ سے شکل بھی اب اپنی پہچانی نہیں جاتی 
ابھی شاید ہے سایہ زرد رت کا اس حویلی پر 
مرے دیوار و در سے جو یہ ویرانی نہیں جاتی 
یہ نشّہ بھی عجب ہوتا ہے جھوٹی وضع داری کا 
سبھی کچھ چھن چکا ذہنوں سے سلطانی نہیں جاتی 
**




سفر سے پہلے مرا ساتھ چھوڑنے والا 
بچھڑ گیا مرے خوابوں کو توڑنے والا 
پھر آئے گا کوئی ذہنوں کو موڑنے والا 
رواجِ سنگ پرستی کو توڑنے والا 
ملے گا بکھرا ہوا پھر کسی صحیفے میں 
وہ لفظ لفظ سے معنی نچوڑنے والا
بس اِس اُمید پہ تکتے رہے ہیں دروازہ 
پلٹ کے آئے گا پھر ساتھ چھوڑنے والا
شکست عجز و محبت سے تھا کہاں واقف 
تعلقات کی زنجیر جوڑنے والا 
**



یہ زندگی بھی ہے اک جنگ اس کو جاری رکھ 
مگر نہ خود پہ شکستوں کا خوف طاری رکھ 
یہ سچ کہ کوئی خوشی بھی نہیں حقیقی خوشی 
مگر نہ اپنے لبوں کو ہنسی سے عاری رکھ 
نہ چھین لے ترے لہجے کا حسن یہ تقلید
کوئی تو لفظ غزل میں بھی اختیاری رکھ 
یہ اور بات کہ ہیں سارے خواب بے تعبیر 
پلک پلک یونہی خوابوں کا گشت جاری رکھ 
وقارِ فن کا اگر پاس ہے رئیس تجھے 
تو اپنے طور طریقے میں انکساری رکھ 
**




نہ مل سکا کبھی اک لمحۂ قرار مجھے 
کہ اب سمیٹ رہا ہے خود انتشار مجھے 
مری ہی کرب رتوں نے کیا شکار مجھے 
بہا کے لے گیا اشکوں کا آبشار مجھے 
ہر ایک رات کوئی منتظر رہا ہے مرا
بجھے دیوں کی بتاتی ہے یہ قطار مجھے 
سلگتی راہ میں سورج تھا ہم سفر میرا 
اَماں نہ دے سکے اشجارِ سایہ دار مجھے 
میں اُس مقام پہ پہنچا تو پھر پلٹ نہ سکا 
جہاں سے اُس نے پکارا تھا ایک بار مجھے 
بکھر رہے ہیں عزائم بھی اے رئیسؔ مرے 
سمجھ رہی ہیں ہوائیں بھی ریگ زار مجھے 
**



رقعۂ دل پر مجھے تیری عبارت چاہیے 
اور پھر اپنے لیے حسنِ بصارت چاہیے 
خواب آنکھوں میں سجے رہنے سے کوئی فائدہ 
زندگی کی اب مجھے سچی بشارت چاہیے 
اتنی چھوٹی عمر میں کس کام کی سنجیدگی 
میرے بچوں کو ابھی شوخی شرارت چاہیے 
اک ذراسی جست میں کر لینا دریا کو عبور 
کام نا ممکن نہیں ہے بس جسارت چاہیے 
آب و گل کی کشمکش میں جسم رہتا ہے رئیسؔ 
اب مجھے رہنے کو پانی میں عمارت چاہیے 
**



یہ کیا منظر پسِ منظر نظر کو کربلا دینا 
کبھی ان سونی آنکھوں کو نیا منظر دکھا دینا 
نشاں قدموں کے ہوں روشن مجھے وہ راستہ دینا 
تعاقب میں جو آتے ہیں اُنھیں میرا پتا دینا
مجھے بھی مل گئی تجھ سی ہی غالبؔ آبلہ پائی 
مجھے بھی خار زاروں کے سفر کا سلسلہ دینا 
مجھے بھی شوق ہے تعبیر کے جنگل بھٹکنے کا 
مری آنکھوں کو خوابوں سے کسی شب رابطہ دینا
کبھی شہر گماں سے تھک کے لوٹو جب رفیقو تم 
کہیں دشتِ یقیں میں بھی کوئی خیمہ لگا دینا 
رئیس آئے نظر غافل کبھی جو یاد سے تیری 
تو اس کی عمر سے یا رب وہی لمحے گھٹا دینا 
**



فصیل شام سے شب تک یہ زرد تاریکی 
سہے گی ڈوبتے سورج کا درد تاریکی 
ابھی تو زہر اثر منظروں کی زد میں ہے 
کہ دن ڈھلے تو بنے لاجورد تاریکی 
گزر رہا ہے ابھی دن کا قافلہ شاید 
بڑھا رہی ہے سرشام گرد تاریکی 
سلگتے دن نے کیا منجمد رَگ و پے کو 
لہو کو آگ بنا دے گی سرد تاریکی 
عمارتوں میں اُجالوں کے کارواں ٹھہرے
گلی گلی میں رہی شب نورد تاریکی 
اُڑائے پیرہنِ جاں کی دھجیاں لیکن 
نوشتِ دل نہ کرے فرد فرد تاریکی 
بہ زعمِ جنس ستاروں کو زیر کرتی ہوئی 
تمام رات پھری بن کے مرد تاریکی 
رئیس کیسے ملاتا نگاہ سورج سے 
کہ آنکھ میں تھی مرے سرد سرد تاریکی 
**




خلاؤں میں منتشر ہوا تھا پہنچ کے یوں تو جہاز میرا 
مجھے سسکتی سپیدیوں میں ملا مگر ارتکاز میرا
ورق ورق آئنہ ہے میرا ورق ورق ہے مجاز میرا 
سبھی صحیفے کھنگال ڈالو نہ مل سکے گا جواز میرا
بلند و بالا عمارتوں کے سروں سے پانی گزر چکا ہے
تلاشِ بے سود ہو گیا ہے نشیب میرا فراز میرا 
وہ جس شجر کا خود اپنے ہاتھوں زمیں میں بو یا تھا بیج میں نے 
ہوا ہے چھوٹا اُسی کے آگے یہ آج قدِ دراز میرا 
یہ گنگناتی ہوئی ہوائیں نہ فاش کر دیں رئیس اس کو 
ہر ایک شاخِ شجر کے دل میں لکھا ہوا ہے جو راز میرا 
**



اے زمین بے اذاں سرخ آسماں کیسے ہوا 
شہر کے ہر شخص کا چہرہ  دھُواں کیسے ہوا 
برف کے گھر پر جو اُس کے آگ برسائی گئی
پوچھنا بے سود وہ آتش بیاں کیسے ہوا 
قہقہہ زاروں میں خاموشی کسے راس آ گئی 
اس قدر پر ہول سناٹا یہاں کیسے ہوا 
سمت منزل آنکھ کی پتلی پہ جب تحریر تھی 
پھر سفر میں وہ مسافر بے نشاں کیسے ہوا 
دریا دریا ریت تھا جب خشک سالی میں رئیس 
پھر شکستہ ناؤ چھلنی باد باں کیسے ہوا 
**




منزل کا نشاں کس کی نظر میں ہے 
ہر لمحہ کوئی تنہا سفر میں ہے 
رہتا ہے خزاں کا اب مجھے بھی خوف 
پھولوں کی مہک میرے ہی گھر میں ہے 
ہر چہرہ ہوا ہے اب یہاں تاریک 
یہ سانحہ سورج کی نظر میں ہے
شہروں میں ہے سناٹوں کا پیہم رقص 
اب شور کہیں ہے تو کھنڈر میں ہے 
سوچوں میں وہی جو سوچتا ہے تو 
کیا تیری زباں تیرے اثر میں ہے
**




سیاہ شب کا مسافر ہوں خواب دے مجھ کو 
بسیطِ دشت ہے اک ہمرکاب دے مجھ کو 
میں اپنی کشتیاں تیرے سپرد کرتا ہوں
تو چاہے  آب دے چاہے  سراب دے مجھ کو 
غبار بن کے اٹھا دل سے آنکھ میں سلگا
میں جلتا دشت ہوں یا رب سحاب دے مجھ کو 
اگر شعور دے ادراک دے بصیرت دے 
تو زیست صورتِ روشن کتاب دے مجھ کو 
میں کھیلتا رہوں کب تک یونہی امیدوں سے 
دئیے ہیں خواب تو تعبیرِ خواب دے مجھ کو 
**



ساتھ کوئی سروسامان نہیں ہے میرا
اب سفر میں کوئی نقصان نہیں ہے میرا
قہقہے خوب لگاتا تھا کبھی میں لیکن!
مسکرانا بھی اب آسان نہیں ہے میرا
داخلہ قلعہ میں مشکل تو نہیں ہے لیکن 
دوست کوئی بھی تو دربان نہیں ہے میرا
خشک لقموں پہ ہی پھر میرا گزارا ہو گا
آج گھر میں کوئی مہمان نہیں ہے میرا
رنج و غم ہیں کہ جو آباد کیے رہتے ہیں
شہرِ دل آج بھی ویران نہیں ہے میرا
خود غزل نے ہی رئیس آج بنایا ہے مجھے
شاعری پر ذرا احسان نہیں ہے میرا
**



حق نوا کوئی صداقت کی سزاپانے کو ہے 
یا صلیبوں پر چراغاں صرف بہکانے کو ہے 
آنکھ کے سادہ ورق کو دے کوئی تصویر خواب 
رات کا پچھلا پہر بھی اب گزر جانے کو ہے 
بوڑھے برگد کی نکھرتی صبح نے مجھ سے کہا 
اب ہر اک طائر مری شاخوں سے اُڑ جانے کو ہے 
تیرتی ہیں پیش منظر میں کئی پرچھائیاں 
آنکھ کی پتلی مجھے پھر خواب دکھلانے کو ہے 
میں بھی اپنے خوف کے پیکر میں چھپ جانے کو ہوں 
میرا سایہ بھی بضد مجھ میں سما جانے کو ہے 
عمر بھر اوروں کی خاطر رنگ برسایا رئیسؔ 
گو مرا ہر اک ورق بے رنگ کہلانے کو ہے 
**



ایک چھتنار شجر اور سیاہی شب کی 
مجھ کو ہر لمحہ ملی پشت پناہی شب کی 
برسر جنگ ہے آنکھوں سے سلگتا سورج 
اب تو تصویر دکھا مجھ کو الٰہی شب کی 
کیا کہیں موجِ شبِ تار کی سازش کیا تھی
جال میں صبح کے آ ہی گئی ماہی شب کی 
مل ہی جائے گا چراغوں کو صداقت کا ثبوت 
ڈوب کر خون میں دن دے گا گواہی شب کی 
جو اندھیروں کی سپاہوں سے لڑا تھا کل تک
روز کہتا ہے کہانی وہ سپاہی شب کی 
یک بہ یک کس نے ستاروں پہ یہ شب خوں مارا 
کس کے ہاتھوں ہوئی آخر یہ تباہی شب کی 
اَن گنت وحشی اُجالے ہیں تعاقب میں رئیسؔ 
آبرو رکھے گا محفوظ خدا ہی شب کی 
**




لہو رگوں میں کبھی جب اُبال لیتا ہے
دماغ ضبط کے پہلو نکال لیتا ہے
دکھائی دیتا نہیں وہ نمو کا ہاتھ مگر 
زمیں کی کو کھ سے دانہ نکال لیتا ہے
کوئی گرے تو پھر اٹھنا محال ہے لیکن 
کسی کسی کو وہ خود ہی سنبھال لیتا ہے
عجیب شعبدہ گر ہے کہ اپنی حکمت سے 
وہ ریگزار کو دریا میں ڈھال دیتا ہے 
کسی کی کوئی یہاں پرورش نہیں کرتا 
حقیر کیڑا بھی بچوں کو پال لیتا ہے
رئیسؔ رزق نہیں دیتی شاعری بے شک 
یہ شوق ہے جو ترے ماہ وسال لیتا ہے
**




جینے کا ہر رستہ کیوں پیچیدہ ہے
جب اس شہر کا ہر انساں سنجیدہ ہے
سامنے آئے تو اُس سے بھڑ جاؤں میں 
لیکن میرا دشمن تو نادیدہ ہے 
سب کچھ جب اپنا ہے تو لگتا ہے کیوں 
آنکھوں میں جو منظر ہے دزدیدہ ہے 
کہتا ہے ہنسنے سے آنسو آئے ہیں 
مجھ کو ہے معلوم کہ وہ رنجیدہ ہے 
کچھ بھی نہیں ہے الہامی ان غزلوں میں 
اک اک لفظ رئیسؔ ! مرا زائیدہ ہے
**




ایک کنارے پر ہوں میں، تو تو ہے ایک کنارے پر 
تیری میری جیون نیّا کب آئے گی دھارے پر 
ایک گواہی سچ کے حق میں مجھ کو بھی تو دینا ہے 
میں بھی اپنے لب رکھوں گا جلتے ہوئے انگارے پر 
بانسری اور اک میٹھا نغمہ یادوں کے جنگل کا سفر 
مشکل سے مشکل راہیں بھی آساں تھیں بنجارے پر 
کیا حاصل کیا لا حاصل ہم شاعر بھی ہیں تاجر بھی 
سوچ سمجھ کر نفع لکھا ہے ہم نے اپنے خسارے پر 
ہجر کی رُت میں درد کے نغمے ساری رات برستے ہیں
خون میں ڈوبی انگلی رکھ دی کس نے پھر اکتارے پر 
حکم ملا ہے اپنے گھر کو خود ہی آگ لگا دو تم 
دیکھو رئیسؔ افتاد پڑی ہے کیسی اک بیچارے پر 
**



دھوپ نے کر دیے منظر پس منظر آتش 
ہو گیا سارا سمندر کا سمندر آتش 
ہاتھ آتش نظر آتش ہے، زباں پر آتش 
کر دیا کس نے مرے شہر کا ہر گھر آتش 
کس کی یادوں نے یہ تبدیل کیا ہے موسم 
برف کی رُت میں دہکنے لگی اندر آتش 
کل سے برسات کا آغاز بھی ہو جائے گا
آج ان سوکھی ہواؤں کا نہ دم بھر آتش 
مصلحت کی یہ ردائیں نہ اُڑھاؤ لوگو 
سر سے پاتک ہے مری سوچ کا پیکر آتش 
مجھ سے کہتا ہے مرا جلتا ہوا گاؤں رئیسؔ 
تیرے گھر کو بھی نہ کر جائے منور آتش 
**



دل کا دریا رات اگنی کنڈ میں ڈھلنے لگا 
میری ہی لپٹوں میں میرا ہی بدن جلنے لگا 
جب بھی ماضی کی چمک میں حال کو بھولا ہوں میں 
جیسے توڑا آج کے خوابوں کو ہو کل نے ، لگا 
دھن کی دیوی نے بلی مانگی جو پہلے پوت کی 
باپ کی نظروں میں اپنا لاڈلا کھلنے لگا 
عمر بھر مجھ کو رہی ہر لمحہ خود اپنی تلاش 
حد تو یہ ہے رات کو سوتے میں بھی چلنے لگا 
گھٹتے بڑھتے سائے سب آنے لگے میری طرف 
طاق میں رکھا دیا بجھنے لگا جلنے لگا 
روز اِک بے نام کیفیت رلاتی ہے ہمیں 
درد یہ کیسا ہمارے ذہن میں پلنے لگا 
**



نہ دل میں درد نہ لہجہ اُداس باقی ہے
مگر یہ کیا ہے کہ آنکھوں میں یاس باقی ہے
گئے دنوں کا یہی اقتباس باقی ہے
تمہارا حکم مرا التماس باقی ہے
شراب روح نہ تن کا گلاس باقی ہے 
مگر نفاق کے خنجر کی پیاس باقی ہے
کبھی کا طائر جاں اُڑ چکا مگر اَب بھی 
کھلے ہیں دیدۂ آہو ہراس باقی ہے 
گذشتہ موسم باراں کی یاد میں شاید
ہماری چھت پہ ابھی زرد گھاس باقی ہے 
وہ ایک شے کہ محبت سرشت ہے جس کی 
وہ شے تو صرف ہمارے ہی پاس باقی ہے 
رئیسؔ کس لیے ریشم رتوں کی آس رکھوں 
کہ میرے کھیت میں اب بھی کپاس باقی ہے
**



اجلی بہت پوشاک ہے بابا
گھر میں لیکن خاک ہے بابا
جنگل ہی میں رہنا بہتر 
شہر تو دہشت ناک ہے بابا
فن ہے پتھر کو تیرانا 
لکڑی خود تیراک ہے بابا
بھیک امیر وقت نہ دے گا
وہ ظالم سفاک ہے بابا
ہم ہیں قلندر ، اس دنیا کا 
ہم کو کہاں ادراک ہے بابا
دل کینہ آلودہ کیوں ہے
لہجہ ترا جب پاک ہے بابا
نام رئیسؔ الدین ہے جس کا 
وہ مردِ بے باک ہے بابا
**




اپنی ہی انا سے آج میں تو جنگ کر آیا
دور تک خلاؤں کا لال رنگ کر آیا 
میں خود اپنے چہرے کے خول اُتار کر آخر 
تھے جو آئینہ جیسے اُن کو دنگ کر آیا 
کیا غرض مجھے اس سے تتلیوں پہ کیا گزری 
میں تو آج پھولوں کو نذرِ سنگ کر آیا 
میں تری بخیلی کے امتحان کی خاطر 
دامنِ طلب اپنا اور تنگ کر آیا 
دشمنوں سے خود اپنی جاں اُسے بچانی تھی 
اس لیے محافظ بھی عذرِ لنگ کر آیا 
دیکھنا ہے اب کس کے ہاتھ میں پہونچتا ہے
ڈور سے کٹی خود کو جو پتنگ کر آیا
رات بھر مزے سے اب اے رئیسؔ سوتا ہوں
کربِ ہجر میں اپنا اس کے سنگ کر آیا 
**



عمر کا لمبا سفر پڑا ہے سوچومت 
حلیہ کیا خال و خد کا ہے سوچو مت 
ڈر جاؤ کب خواب میں نیندیں اُڑ جائیں 
دن بھر تم نے کیا دیکھا ہے سوچومت 
پت جھڑ میں سائے کی خواہش کیا معنی 
کہاں پہ کوئی پیڑ گھنا ہے سوچومت 
سب کا قد باون گز کا تسلیم کرو
لنکا کس کا وطن رہا ہے سوچو مت 
ضبط کرو ہوتا ہی رہتا ہے یہ سب 
کس نے تم پر وار کیا ہے سوچومت 
شہر بہت گنجان ہے میرا یہ دیکھو 
کون یہاں کتنا تنہا ہے سوچومت 
**



جو ہر ایسا کب کسی تلوار میں دیکھا گیا 
زور جیسا پانیوں کی دھار میں دیکھا گیا
بولیاں لگتی ہوئی دیکھی گئیں اسناد کی 
اور فن بازار میں بکتا ہوا دیکھا گیا
پھر ہوا شاید کسی بیمار لمحے کا گزر
پھر شگافِ قہقہہ دیوار میں دیکھا گیا 
سبز رُت آئی ہے لے کر اشتہار زندگی 
زلزلہ ساکیوں مگر اشجار میں دیکھا گیا 
جب گماں انکار کا آنکھوں سے روشن ہو گیا 
تب شکستوں کا یقیں اقرار میں دیکھا گیا 
سب نے اپنی نیک نامی کو بہت کو سا رئیسؔ 
جب نیا طرّہ کسی دستار میں دیکھا گیا 
**





بدگماں ہو جاؤں خود سے ہی گماں ایسا نہ ہو
قد مرا اونچا ہو لیکن آسماں ایسا نہ ہو
طے سمندر کا سفر کر لوں گا ہاں ایسا نہ ہو
سازشیں کر لے ہوا سے بادباں ایسا نہ ہو
جنگ چھڑ جائے عزیزوں میں سماں ایسا نہ ہو
اس کے ناوک وہ ہدف اُس کی کماں ایسا نہ ہو
تلخیوں کو بھول کر ہنسنا مرے ماضی کہیں 
مسکرانے کا یہ منظر بھی خزاں ایسا نہ ہو
میں حقیقت سے تصوّر میں تو جا پہنچوں، مگر 
اُف ! یہاں جیسا اندھیرا ہے وہاں ایسا نہ ہو
موڑ تو ہر راہ پر آتے ہی رہتے ہیں رئیس
ہم جدا ہو جائیں اک دن میری جاں ایسا نہ ہو
**




کبھی لہجہ بدل لینا، کبھی تیور بدل لینا 
اُنھیں آتا ہے اِک پل میں کئی منظر بدل لینا 
بدل لینا زباں اور لفظ کے پیکر بدل لینا 
جہاں پسپائیاں دیکھو وہیں لشکر بدل لینا
زمانہ آشنا ہو تم تمہیں کو زیب دیتا ہے
کبھی مرکز سے ہٹ جانا کبھی محور بدل لینا 
وہ جب بھی قتل کرتا ہے خلوص دل سے کرتا ہے
کہ اُس قاتل کو آتا ہی نہیں خنجر بدل لینا
یہ شہرت کی سنہری دھوپ تو جینے نہیں دے گی
رئیس اس زرد زرخیزی سے تم بنجر بدل لینا 
**




بلند حوصلہ کوئی یہاں نہیں ہے کیا 
لب و دہن تو بہت ہیں زباں نہیں ہے کیا
پھنسا ہے کس لیے تو دشمنوں کے نرغے میں 
ہے تیر ہاتھ میں تیرے، کماں نہیں ہے کیا
ابھی سے کس لیے مایوس ہو بڑھو آگے 
نظر میں بستی ہے اُٹھتا دھواں نہیں ہے کیا
تم اپنے آپ کو بے آسرا سمجھتے ہو 
زمیں پہ سایہ فگن آسماں نہیں ہے کیا 
ہمیشہ ملتے ہو رختِ سفر اٹھائے ہوئے 
تمہارا شہر میں کوئی مکاں نہیں ہے کیا 
ورق ورق میں رہیگا رئیسؔ زندہ تو 
ہر ایک لفظ ترا جاوداں نہیں ہے کیا
**


ترے حضور میں وہ با ادب نہیں ہے کیا
پیامبر میں مری کوئی چھب نہیں ہے کیا
ہر ایک شام یہ آنکھیں سوال کرتی ہیں
ہزار دن میں کوئی ایک شب نہیں ہے کیا
میں اپنے آپ کو منسوب کیوں کروں تجھ سے 
کہ میرے ساتھ بھی نام ونسب نہیں ہے کیا
امیر شہر تھا کل کاسۂ گدائی لیے 
یہ واقعہ بھی بہت ہی عجب نہیں ہے کیا
جو میرے لہجے میں نرمی تلاش کرتا ہے
خود اُس کے چہرے سے ظاہر غضب نہیں ہے کیا
رئیسؔ کس لیے خائف رہیں حریفوں سے 
ہماری پشت پناہی کو رب نہیں ہے کیا 
**



مرے ہنر پہ نہیں صرف نکتہ چیں خاموش 
ہنوز آسماں حیران ہے زمیں خاموش
میں اُن کے بیچ میں بیٹھا ہوا ہوں چپ سادھے
گمان ذہن پہ غالب ہے اور یقیں خاموش
کوئی نشان بظاہر نہ میں نے چھوڑا تھا
میں کیا کروں جو نہیں میری آستیں خاموش 
وصال و ہجر کے لمحے زباں نہیں رکھتے 
یہ کون ہے مرے دل میں کہ جو نہیں خاموش
ترس رہے ہیں کئی آستانے سجدوں کو 
تمہارے در پہ پڑی ہے مری جبیں خاموش
مخالفین نے تم سے بہت سوال کیے
تمہارے سامنے بیٹھے رہے ہمیں خاموش
تمام شہر پہ سکتہ سا ہے رئیسؔ مگر 
نہ جانے کیوں مرے دل کا مکیں نہیں خاموش
**



بجز متاع دل لخت لخت کچھ بھی نہیں 
مری نگاہ میں تدبیر و بخت کچھ بھی نہیں 
گزرتے وقت کی صورت حریف بھی نہ رہے 
بری نگاہ نہ لہجے کرخت، کچھ بھی نہیں 
مسافتوں کی گھنی دھوپ میں ہیں تنہا ہم 
ہماری راہ میں سائے درخت کچھ بھی نہیں 
میں اُس کے نام پہ دنیا لٹا کے آیا ہوں 
مری نظر میں کوئی تاج و تخت کچھ بھی نہیں 
ہمیں رئیس جو لوٹے تو کوئی کیا لوٹے 
ہمارے پاس تو اب مال و رخت کچھ بھی نہیں 
**




اُسے ہے زعم انا عاجزی ہے میرے ساتھ
وہ شعلۂ ساز مگر روشنی ہے میرے ساتھ
کبھی امید کبھی حسرتیں کبھی وعدے 
عجب مزاج لیے زندگی ہے میرے ساتھ 
کبھی فلک پہ ستارے کبھی ان آنکھوں میں 
یہ رات بھی تو یونہی جاگتی ہے میرے ساتھ 
تمام عمر رہا اُس کی ہمرہی کا گماں 
پلٹ کے دیکھا تو اک اجنبی ہے میرے ساتھ 
ہر ایک شخص مرے غم کا آشنا ٹھہرا
جہاں گیا میں غزل بھی گئی ہے میرے ساتھ 
مجھے تمیز غروب و طلوع ہے اب بھی
جنون میں بھی مری آگہی ہے میرے ساتھ 
رئیس ہے ابھی اثبات کی تلاش مجھے 
ازل سے میری ہی اپنی نفی ہے میرے ساتھ 
**




دریا پہ کوئی پیاس کا پیکر نہیں دیکھا 
کیا تم نے کبھی گھاٹ کا پتھر نہیں دیکھا
سفاک بھی ہوتی ہیں بہت سرد ہوائیں
کمرے سے کبھی تم نے نکل کر نہیں دیکھا
زخمی ہیں مرے ہاتھ تو کیا سوچ رہے ہو
کیا تم نے کسی پھول کو چھوکر نہیں دیکھا
اُونچی ہے بہت شاخ وہ پھل جس پہ لگا ہے 
پنجوں پہ یہاں کس نے اُچک کر نہیں دیکھا
مغرور ہے ہر شخص سنا تھا، مگر اُس نے 
شانوں پہ کسی کے بھی یہاں سر نہیں دیکھا
حیراں ہوں کہ اس دور خرابی میں خدا یا 
منقارِ ابابیل میں کنکر نہیں دیکھا
میں نے بھی رئیس اس کو پکارا نہیں لیکن 
اُس نے بھی کسی موڑ پہ رُک کر نہیں دیکھا
**



جھلک ”نہیں “ کی جو محسوس اپنی ہاں میں ہوئی 
بہت عجیب سی لکنت مری زباں میں ہوئی 
میں چاہتا تھا مرے بال و پر کل آئیں 
دعا قبول ہوئی بھی مگر خزاں میں ہوئی 
بس اتنی بات یہ مجھ کو ڈبوئیں یا چھوڑیں 
عجیب جنگ ہوا اور بادباں میں ہوئی 
ہر ایک آنکھ پہ بس ایک رنگ چھایا ہے
یہ کیسی سرخی خوں آج آسماں میں ہوئی 
تمام شہر پہ لرزاسا ہو گیا طاری 
دعائے خیر یقیناً کسی مکاں میں ہوئی 
بلائیں رقص نہ کرتیں تو اور کیا ہوتا 
محل کی شان ہی تبدیل داستاں میں ہوئی 
یہ کس عذاب کا سورج ہے تیرے ساتھ رئیسؔ
تپش اَلاؤ کی مانند سائباں میں ہوئی 
**




جو حسن شعر سے لب آشنا نہیں ہوتے 
تو ایسے لوگ ادب آشنا نہیں ہوتے 
بہت سے لوگوں کے سرآسماں تو چھوتے ہیں
مگر وہ خود ہی نسب آشنا نہیں ہوتے 
بجا کہ لہروں کا ٹکراؤ سہتے رہتے ہیں
کنارے پھر بھی غضب آشنا نہیں ہوتے 
ہمارے عہد کی تہذیب ہی کچھ ایسی ہے 
ہمارے بچے ادب آشنا نہیں ہوتے 
پروتے رہتے ہیں پلکوں میں محنتیں دن کی 
ہم ایسے لوگ تو شب آشنا نہیں ہوتے 
سوال بارہا اُن سے رئیسؔ کرتے ہیں
مگر کبھی وہ سبب آشنا نہیں ہوتے 
**




زندگی سر بسر اک دیدۂ حیراں ہے تو ہو 
آج ناموسِ وفا چاک گریباں ہے تو ہو
سرہتھیلی پہ لیے گھوم رہا ہوں اب تک 
اور ہونے کو صلیبوں پہ چراغاں ہے تو ہو 
وقتِ آئندہ تجھے کر دیا میں نے آزاد 
میری قسمت میں مرے جسم کا زنداں ہے تو ہو 
حاصلِ زیست بالآخر ہے بس اک مشتِ غبار 
دسترس میں تری اورنگِ سلیماں ہے تو ہو
کل یہ ممکن ہے میں انگشت بدنداں ہو جاؤ ں
آج ہر چند رئیسؔ آسماں حیراں ہے تو ہو 
**




زنگ خوردہ سہی، اخلاص کا پیکر ہو جائیں
کب یہ خواہش کہ چمکتا ہوا خنجر ہو جائیں
اَدھ جگی آنکھوں کا ہر خواب حسیں ہوتا ہے 
رَت جگے کاش اِن آنکھوں کا مقدر ہو جائیں
ہم جو سمٹیں تو اِک آنسو میں سما سکتے ہیں
اور پھیلیں تو بلا خیز سمندر ہو جائیں 
جانتے ہم بھی ہیں پرواز کا انداز، مگر 
دور ہوتا ہوا خود سے ہی نہ منظر ہو جائیں
راہ تکتے ہوئے ممکن ہے بصارت کھو دوں 
اِس سے اچھا ہے کہ آنکھیں مری پتھر ہو جائیں
لوگ کیا وقت کے دریا کو کھنگالیں گے رئیسؔ 
ہاں یہ ممکن ہے سرابوں کے شناور ہو جائیں 
**




منحرف ہوں ذات سے اپنی مگر زندہ ہوں میں 
اِس مسافت میں بلا رختِ سفر زندہ ہوں میں 
دشتِ غربت میں بھی تیرے بام و درسب یاد ہیں
اور کچھ دن جاگنا اے میرے گھر زندہ ہوں میں 
یہ الگ ہے بات سارے مٹ چکے ہیں رنگ و نقش 
تو ابھی ویراں نہیں میرے کھنڈر زندہ ہوں میں 
کہنیوں سے ایڑیوں تک ہیں لہو کے دائرے 
چل رہا ہوں شاہراہو! جس قدر زندہ ہوں میں 
رکھ سردہلیز اِک روشن دیا میرے لیے 
لوٹ آؤں گا ضرور اِک دن، اگر زندہ ہوں میں 
ہیں دروغ و مصلحت کے سلسلے لیکن رئیسؔ
اِس جہانِ با ہنر میں بے ہنر زندہ ہوں میں 
**




جو چھپ گیا ہے کہیں وہ ستارہ ڈھونڈتا ہے
عجیب شخص ہے جلوہ دوبارہ ڈھونڈتا ہے
وہ کود پڑتا ہے پہلے بپھرتے دریا میں 
پھر اُس کے بعد مسلسل کنارہ ڈھونڈتا ہے
کہاں یہ تاب کوئی اور ماہ صورت ہو
مرا یہ دل تو وہی ماہ پارہ ڈھونڈتا ہے
دیا جلاتا ہے سورج کے سامنے کیوں وہ 
جو شب میں صبح کا اکثر نظارہ ڈھونڈتا ہے
بلندیوں سے اندھیرے برستے رہتے ہیں
وہ پستیوں میں انا کا منارہ ڈھونڈتا ہے
تلاشِ جاں نہیں اس کو تو اور کیا ہے رئیسؔ
کہ راکھ میں بھی وہ روشن شرارہ ڈھونڈتا ہے
**





تھیں ہوائیں بند، دریا پر روانی لکھ گیا 
کون یہ نااہل اک مہمل کہانی لکھ گیا
وہ کوئی مصلح نہ تھا لیکن سبھی اشعار پر 
پڑھتے پڑھتے جا بجا کتنے معانی لکھ گیا 
کوئی تشنہ لب مسافر دے گیا لفظِ سراب 
تپتے جلتے راہ کے صحرا پہ پانی لکھ گیا 
جب زباں بھی کاٹ لی عالم پناہِ وقت نے 
خامۂ انگشت سے وہ حق بیانی لکھ گیا 
کاغذوں پر خون کے دھبے گراں مایہ ہوئے 
جاتے جاتے وہ رئیس ایسی کہانی لکھ گیا 
**




تھا مرے پاس بھی کچھ رختِ سفراب کیا ہے
میں مسافر تھا کبھی، گھاٹ نہ گھر اب کیا ہے
نقش ہیں حادثے آنکھوں میں مری جوں کے توں 
کل کے اخبار ہیں سب ، تازہ خبر اب کیا ہے 
وقتِ پرواز ہی کیا تجھ کو جدا ہونا تھا
گر کہیں جا کے بلا سے مرے پر ، اب کیا ہے
رائیگاں جائے گا یہ شغلِ شبِ نوحہ گری 
جگمگا اُٹھے ہیں ویران کھنڈر اب کیا ہے 
بس وہی جلتی ہوئی دھوپ مرے چاروں طرف 
کہیں خیمہ ہے نہ سایہ نہ شجر، اَب کیا ہے
ظلمتیں چند ہی لمحوں کی ہیں مہمان رئیسؔ 
ملنے والی ہے اِن آنکھوں کو سحر اَب کیا ہے 
**




جو بات گراں گزرے تجھے اس کا سبب لکھ 
دریا تو اگر ہے تو نہ ساحل پہ غضب لکھ 
تنقید کے اِک خنجر بے آب کی ضد ہے 
بے ربط سے جملوں کو بھی اِک صنفِ ادب لکھ 
پہچان فقط نام سے تیرے نہیں ہو گی
کچھ ذات بتا اپنی کہیں اپنا لقب لکھ 
آسان ہے رنگین غزل آج بھی کہنا 
زلفوں کو گھٹا، سرو کو قد ، پھول کو لب لکھ 
جب ارضِ جبیں کو مری تاریک رکھا ہے
پھر اپنی ہتھیلی کے فلک پہ بھی تو شب لکھ 
جو نام میں اپنے ہی رئیسؔ آج بھی گم ہے 
اُس شخص کے حصے میں فقط لفظِ عجب لکھ 
**




مری زبان و قلم میں طلسم اعظم تھا 
مگر یہ بخت ہمیشہ مجھی سے برہم تھا
اُڑائے پھرتی رہیں زرد آندھیاں مجھ کو 
اُدھر تلاش میں میری تمام عالم تھا
بس ایک بار جلایا تھا اک دیا میں نے 
بس اتنی بات پہ ہر فرد مجھ سے برہم تھا
جب ایک رنگِ تعصب تھا سب کے چہروں پر 
تمام شہر میں بے چارگی کا موسم تھا
رئیسؔ رزقِ انا سے شکم نہیں بھرتے 
ہمارے گھر میں شب و روز اس کا ماتم تھا
**




خوں رنگ پر ایاغ یہاں بھی وہاں بھی ہے
ہر سینہ داغ داغ یہاں بھی وہاں بھی ہے
اُمید کا چراغ یہاں بھی وہاں بھی ہے
ہر گام سبز باغ یہاں بھی وہاں بھی ہے
ہر دیش کے گلوں میں بھی یکساں ہیں رنگ و بو 
یعنی ترا سراغ یہاں بھی وہاں بھی ہے
دولت کا ہو خمار کہ رتبے کا حسن کا 
نشے میں ہر دماغ یہاں بھی وہاں بھی ہے
کس کی رئیسؔ راہ نمائی کرے قبول 
رہبر تو بد دماغ یہاں بھی وہاں بھی ہے
**




محبتوں کے ورق پہ لکھی ہیں نفرتیں اُف 
چھپی ہیں اخلاص میں عجب سی رقابتیں اُف 
چڑھانا چہرے پہ ایک چہرہ شعار سب کا 
یہ روز مرّہ کی آئنوں سے شکایتیں اُف 
خود اپنے سائے کو دھوپ دکھلا رہا ہوں کب سے 
یہ میں نے رکھی ہیں خود سے کیسی عداوتیں اُف 
نہ پوچھئے اِک عذاب ہے یادِ عہد رفتہ 
اُٹھائی ہیں زندگی میں کیا کیا اذیتیں اُف 
رئیسؔ شعلے لپک رہے ہیں قدم قدم پر 
پہاڑ بن کر گری ہیں سر پر مصیبتیں اُف 
**





خودی کا رمز تھا جب واشگاف میں بھی ہوا 
تو اپنے آپ سے بے حد خلاف میں بھی ہوا
ہٹا ہے جب بھی نگاہوں سے منظر ماضی 
تمہارے ذہن کے پر دے سے صاف میں بھی ہوا 
جو راہ اُس کی الگ ہے قصور اُسی کا نہیں 
کہیں کہیں سببِ انحراف میں بھی ہوا 
جو بس رہا ہے مرا پیار روح میں تیری 
تو پیار کا ترے جاناں غلاف میں بھی ہوا
یہ لفظ و بحر اگر اُن سے نبھ سکے نہ رئیسؔ 
تو بہر ربط سخن اِک زحاف میں بھی ہوا 
**



کیا خوب ہے ماحول صدا ساز تو دیکھو 
جادو ساجگا جائے ہے آواز تو دیکھو
ہر چہرے کے پیچھے ہیں کئی رنگ کے چہرے
آنکھوں میں جو پوشیدہ ہیں وہ راز تو دیکھو
سینے میں لیے ریت کے خاموش تلاطم 
دریا بھی سرابوں کا ہے غماز تو دیکھو
دامانِ سماعت پہ مچلنے لگے شعلے 
یہ نغمۂ صد صائقہ پرداز تو دیکھو
غم دے کے مجھے کرتا ہے اظہارِ تاسف 
اُس شخص کے اخلاص کی پرواز تو دیکھو
الفاظ میں رکھتا ہے عجب رنگِ معانی 
پڑھ کر کبھی تحریرِ زباں ساز تو دیکھو
لگوا دیا رستے پہ مرے نام کا پتھر 
بخشا ہے پسِ مرگ یہ اعزاز تو دیکھو 
**



مری نظر کے لیے حسنِ دلنشیں بھی نہیں 
عجیب شہر ہے اس میں کوئی حسیں بھی نہیں 
یہ چاند تارے فلک سب ہمارے اپنے ہیں
ہمارے پاس مگر پاؤں بھر زمیں بھی نہیں
تذبذب آ کے تکلم کے دل میں بیٹھ گیا 
لبوں پہ ہاں بھی نہیں ہے مگر نہیں بھی نہیں
ہمارے پیروں سے لپٹی ہیں ہجرتیں لیکن 
بھرے جہاں میں ہمارا مکاں کہیں بھی نہیں
کسی کا در کہ جبینیں ہزار سجدہ کناں
ہمارا گھر کہ مقدر میں اک جبیں بھی نہیں
رئیسؔ میری تسلی کا جو ذریعہ بنے
کوئی کتاب یہاں ایسی دل نشیں بھی نہیں
**




صلہ ملا ہے یہ مجھ کو مری خموشی کا 
عذاب جھیل رہا ہوں مکاں بدوشی کا 
ہر ایک شخص ہی آتش میں ہو گیا ملبوس 
ارادہ ہم نے کیا ہے جو برف پوشی کا 
رگوں میں خون ہوا منجمد تو سوچتا ہوں
مظاہرہ بھی نہ کرنا تھا گرم جوشی کا 
تمہارا قہر مروّت تو رائیگاں ہو جائے 
ہمیں بھی شوق نہیں ہو جو زخم پوشی کا 
ہر ایک شخص کے ہاتھوں کو کیسے کاٹو گے 
لکھے گا کوئی تو قصّہ انا فروشی کا 
رئیسؔ آنکھیں بھی برساقی ہیں لہو میری 
پڑا ہے ذائقہ مجھ کو بھی خون نوشی کا 
**




پہلے دل سے آنکھوں تک تھا منظر ریگستانی کیوں 
اب آنکھیں کیوں دریا میری، دریا میں طغیانی کیوں 
کب گزری تھیں سبزہوائیں میرے خال و خد چھوکر 
جھانک رہی ہے آئینوں سے اس درجہ حیرانی کیوں 
آخر کیا رشتہ ہے میرا ان خستہ محلوں سے اَب 
بچپن سے سنتا آیا ہوں میں قصہ سلطانی کیوں 
اُجلا اُجلا شہر تمہارا با رونق بازار مگر 
چہرہ چہرہ چیخ رہی ہے اس درجہ ویرانی کیوں 
گھر کے بام و در کو چھوڑ و سارا شہر سجاڈالا 
کر بیٹھے تیرے وعدے پر ہم ایسی نادانی کیوں 
ساری بستی پر پہرہ ہے جاڑوں کے سورج کا رئیسؔ 
میرے چھت آنگن پر لیکن بارش ہے طوفانی کیوں 
**



جیب چھوٹی ہاتھ لانبے دل مگر خواہش زدہ 
جیسے اِک طائر کھلے آکاش میں بندش زدہ 
کس کے مستقبل پہ یہ لکھا گزرتے وقت نے 
ذہن میں ماضی پرستی جسم آسائش زدہ 
گھر میں تہذیب اور مذہب کی حدوں کے پاس پاس 
کیوں یہ بازاروں میں ہے ہر اِک قدم لغزش زدہ 
کس کا سر ہے کس کے شانوں پر پتہ چلتا نہیں 
آج ہر انسان ہے اس شہر میں سازش زدہ 
مجھ کو میری محنتوں کا اور صلہ ملتا بھی کیا 
شام نے ہاتھوں پہ میرے لکھ دیا بخشش زدہ 
ہم تعلق کی زباں خاموش رکھتے ہیں مگر 
لوگ اِک مدت سے کہتے ہیں ہمیں رنجش زدہ 
اس کے دل کا حال کن لفظوں میں لکھیں اے رئیسؔ 
سلب جس کی قوت گویائی لب جنبش زدہ 
**



ہر اک اقرار کا جذبہ ”اگر “ میں منتقل ہو گا 
تو پھر ”ہاں“ کا تاثر کیا مگر میں منتقل ہو گا 
اثاثہ گھر کا جب رختِ سفر میں منتقل ہو گا 
تو کشتی بادباں سب کچھ بھنور میں منتقل ہو گا
کھلے گی آنکھ تو ہر خواب کر دے گا ہمیں زخمی 
حویلی کا مکیں کیوں کر کھنڈر میں منتقل ہو گا 
مری آنکھو نہ اترانا کبھی اس پھول موسم پر 
خزاں کا رنگ بھی دیوار و در میں منتقل ہو گا 
یہ شوق اخبار بینی کا جو کچھ دے گا تو بس اتنا 
کہ ہر اہل خبر اک دن خبر میں منتقل ہو گا
کبھی سپنے خوش آئیں گے کبھی سپنوں کی تعبیریں
کبھی تورات کا جادو سحر میں منتقل ہو گا 
رئیسؔ آغوش میں جائے گا جب سورج سمندر کی 
سمٹ کر پھر ہر اک سایہ شجر میں منتقل ہو گا 
**




یہ اتفاق ہے اور اتفاق ہوتے ہیں
 تو کس لئے یہ دل شاق شاق روتے ہیں
نہ اس کھنڈر کی اندھیری فضا پہ طنز کرو
کبھی کبھی یہاں روشن بھی طاق ہوتے ہیں
لکھا گیا جو کبھی سرکشی کے بدلے میں 
ہم آنسوؤں سے وہی لفظ عاق دھوتے ہیں 
یہ نسل نو بھی توجہ طلب ہے نقّادو 
 کہ پیدا اس میں ہی جوشؔ و فراقؔ ہوتے ہیں
حساب زیست ابھی تھوڑا مختصر کر لے 
امیرِ فکرِ سیاق وسباق سوتے ہیں
جو محوِ فکر وتجسس ہیں بے وجہ ہر دم 
وہ لوگ ہی تو غریق مراق ہوتے ہیں
ہے جی حضوری یہاں شیوہ دوستوں کا رئیس 
بلا وجہ یہ دلوں میں نفاق بوتے ہیں
**




خدا ہی جانے یہ کار ہنر کہاں کا ہے
ہر ایک لفظ سے رشتہ ہی جسم و جاں کا ہے
ہر اک قدم ہے سفر کا تلاشِ منزل میں
نظر سے گزر ا نشاں جانے کس جہاں کا ہے
کسی بھی ملک سے گزروں میں بھولتا ہی نہیں
عجیب ذائقہ اردو تری زباں کا ہے
روایتوں کا غزل پر، نئے زمانے میں
جو ہو رہا ہے اثر وہ مرے بیاں کا ہے
کوئی صدا ہے ابھی تک مرے تعاقب میں
یہ فیصلہ نہیں میرا، مرے گماں کا ہے
رئیس پائی ہے تہذیب ہم نے ورثے میں
یہ وصف ہم میں بزرگانِ مہرباں کا ہے
**




نگر میں چرچا کسی لغو سی دلیل کا ہے
خدا ہی جانے زمانہ یہ کس قبیل کا ہے
شدید پیاس میں بھی لب سوال کرتے ہیں
جو پانی سامنے آیا ہے کس سبیل کا ہے
سمندروں کی دعا تو قبول ہو نہ سکی
اُٹھا ہے دستِ دعا اب جو خشک جھیل کا ہے
چہار سمت اندھیرا ہے راہ میں اپنی 
بس اک نشان جو روشن ہے سنگ میل کا ہے 
یہ دیکھنا ہے کہ اب کون ٹھونک پائے گا 
کہ اصل مسئلہ اب آخری ہی کیل کا ہے
مرے سوال کا تو نے جواب دے تو دیا 
مگر جواب یہ محتاج ابھی دلیل کا ہے
رئیسؔ کوئی بھی شب خون مار دے آ کر 
ہمارا شہر ہمیشہ سے بے فصیل کا ہے 
**



زمیں کی قید میں رہنا بھی اب اچھا نہیں لگتا 
دل اُجڑا یوں کہ گہوارہ بھی اب اچھا نہیں لگتا 
سحر تا شام محنت، حسرتیں، ناکامیاں، صدمے
مسلسل ایک ہی قصہ بھی اب اچھا نہیں لگتا 
خدا یا آئینے کو کذب گوئی کی جسارت دے 
کسی کو حق نما چہرہ بھی اب اچھا نہیں لگتا 
یہاں دیوار و در پر بھی کبھی سبزے نہیں اُگتے 
ہمیں اس شہر کا نقشہ بھی اب اچھا نہیں لگتا 
ہر اک شب شعر کہنا اور اخباروں میں چھپوانا
ہمیں یہ شغل یہ چسکا بھی اب اچھا نہیں لگتا 
رئیس اب کونسی منزل ہے یہ جہدِ مسلسل کی 
کوئی دیکھا ہوا رستہ بھی اب اچھا نہیں لگتا 
**




کس نام سے مہکے گی فضا میں نہیں کہتا 
کیا مجھ سے ہواؤں نے کہا میں نہیں کہتا 
دولت نہ سہی رزقِ انا تو ہے مرے پاس 
دنیا کے خداؤں کو خدا میں نہیں کہتا 
اک ربط مسلسل ہے خدا اور بشر میں 
بکھرے ہوئے لفظوں کو دعا میں نہیں کہتا 
خوشبو مرے لفظوں سے نکل آئی ہے لیکن 
رشتہ ہے کسی گل سے مرا میں نہیں کہتا 
جب ٹوٹ بکھر تا ہوں رئیسؔ اپنے ہی گھر میں 
باہر کی وباؤں کو بلا میں نہیں کہتا 
**




رُک نہ پائی ہجر کی دیوار سے 
اِک صدا آ بھی گئی اُس پار سے 
قتل مجھ کو کر دیا اک شبد نے 
وار کاری تھا بہت تلوار سے 
آنکھ پر تحریر رکھنا منزلیں 
بچ کے چلنا سایۂ اشجار سے 
میں تلاشِ گم شدہ کا اشتہار 
کاٹ کر رکھنا کسی اخبارسے 
سامنے میرے وہ بزدل ہو گیا 
بچ گیا میں اُس کے اوچھے وار سے 
**


خواب سے ہم تعبیریں رولا کرتے ہیں
شب کی گرہیں دن میں کھولا کرتے ہیں
رکھ کر غزلوں میں کچھ پیچیدہ الفاظ 
ہم جدّت کی بولی بولا کرتے ہیں
گویائی دیتے ہیں جب دلکش موسم 
پھول بھی خود بھنوروں سے بولا کرتے ہیں
بوتے ہیں ہم خواب میں گوہر روزانہ 
تعبیروں میں کنکر رولا کرتے ہیں 
بچپن ہم کو گود میں اپنی لیتا ہے
جب تتلا کر بچے بولا کرتے ہیں
سن سن کر لوگوں کے جملے طنز بھرے 
ہم خود اپنے عیب ٹٹولا کرتے ہیں
قسمت کس بازار میں لائی ہے ہم کو 
رتی رتی خود کو تولا کرتے ہیں
جنگل میں آتے ہیں ڈولے پریوں کے 
اور شہروں میں اُلّو بولا کرتے ہیں
وہم و ایقاں کی پیچیدہ راہوں میں 
پاؤں ہمارے اکثر ڈولا کرتے ہیں
**




خلوص ختم ہوا لہجہ لہجہ قہر بنا 
تب ایک گاؤں کہیں جا کے مثلِ شہر بنا
نہ جانے کو نسی ساعت جہاں میں لائی تھی
زمین تنگ ہوئی آسمان قہر بنا
تو کوہ عزم کو میرے ہی کاٹ کر اے دوست
مرے ہی چہرے پہ اک آنسوؤں کی نہر بنا
تلاشِ رزق میں شاید کوئی ادھر آئے 
امیرِ شہر نہ اونچی فصیل شہر بنا
یہاں تو نام وفا نام کو نہیں ملتا 
رئیسؔ اپنا الگ سے بھی ایک دہر بنا
**




سمجھ میں کچھ نہیں آیا دماغ ہوتے ہوئے 
ہوا میں گھوم رہا ہوں چراغ ہوتے ہوئے 
ہم آفتاب کی حدت سے خوف کیوں کھائیں 
ہرا بھرا ترے وعدوں کا باغ ہوتے ہوئے 
کہیں حیات کے وقفے کو کاٹنا دشوار 
کہیں فراغ نہ ملنا فراغ ہوتے ہوئے 
یہ حادثات یہ الزام کیا بگاڑیں گے 
کہ ماہتاب چمکتا ہے داغ ہوتے ہوئے 
ہزار تند ہوا ہو نئے زمانے کی 
اندھیر اکیوں ہے وفا کا چراغ ہوتے ہوئے 
عجب نشہ ہے گئے وقت کا رئیسؔ الدین
کہ اب سرور نہیں ہے ایاغ ہوتے ہوئے
**



یہ بھی ہے کیسی ترقی شہر موضع ہو گیا 
چلیے اَب سونے پہ پتیل کا ملمع ہو گیا 
قریہ قریہ یہ لہو کی بارشیں چاروں طرف 
دھل گئی ساری کثافت صاف مطلع ہو گیا 
زیبِ طاق و بام ہیں خونِ شہادت کے چراغ 
کو چہ کوچہ شہر کا دل کش مرقع ہو گیا 
اب رَگ و پے میں بلا سے ایک قطرہ بھی نہیں 
خون کے چھینٹوں سے مصرعہ تو مرصع ہو گیا 
موسم گل کی ہوا میں کاٹ تلواروں کی تھی 
پھول بے چارہ مثلث سے مربع ہو گیا 
چشمِ دنیا میں کہاں شرم و حیا باقی رئیسؔ 
خون نادم ہے کہ پانی اُس سے ارفع ہو گیا 
**




نہیں باقی اگر رختِ سفر خاموش رہنا 
سمجھ لینا بیاباں کو ہی گھر خاموشی رہنا 
حقیقت بن گیا ہے شور اب تو شہر جاں کا 
نہ چھن جائے کہیں تجھ سے کھنڈر خاموش رہنا
ملا ہے خوں بہاکس کو یہاں فر یاد کر کے 
نشانہ بھی بنے گر تیرا سر خاموش رہنا
تلاشِ رزق میں طائر گئے سمتوں کو اپنی 
ہے تنہائی کی بانہوں میں شجر خاموش رہنا
کہ سچائی کے لفظوں کو چھپانا معجزہ ہے
زباں جلنے لگے تیری مگر خاموش رہنا 
مسلط ہو چکے نغمے مسافت کے دلوں پر 
پکاریں لاکھ اب دیوارو در خاموش رہنا
ہر اِک سرخی میں اخبارات کی ہے یہ اشارہ 
کہ پڑھ لینا رئیسؔ اِک اِک خبر خاموش رہنا 
**




کوئی ثبوت نہ ہو گا تمہارے ہونے کا
نہ آیا فن جو قلم خون میں ڈبونے کا 
ہر ایک بات پہ بس قہقہے برستے ہیں
یہ طرز کتنا نرالا ہے دل کے رونے کا 
شروع تم نے کیا تھا تمہیں بھگتنا ہے 
جو سلسلہ تھا غلط فہمیوں کو بونے کا 
شناخت ہو تو گئی اپنے اور پرائے کی
نہیں ہے غم مجھے عمرِ عزیز کھونے کا
رئیسؔ فکرِ سخن رات بھر جگاتی ہے
کوئی بھی وقت مقرر نہیں ہے سونے کا 
**




جب اپنے آپ سے نظریں ملانا ہوتا ہے
تو آئینہ بھی مجھے تازیانہ ہوتا ہے
رویہ جب بھی مرا باغیانہ ہوتا ہے
تو ہوش میں بھی خطا ہر نشانہ ہوتا ہے
سفر لپیٹ کے پیروں سے سب نکلتے ہیں
کسے خبر کہ کہاں آب و دانہ ہوتا ہے
ہزار دستکیں دیتے ہیں لوٹ آتے ہیں
ہمارے واسطے جب در کھلا نہ ہوتا ہے
کسی کی بات بڑھاتی ہے دھوپ کی شدت 
کسی کا لفظ مجھے شامیانہ ہوتا ہے
خود اپنے آپ کو ہم اجنبی سے لگتے ہیں 
کبھی جو مصلحتاً مسکرانا ہوتا ہے
**




میں قطرہ ہوں یوں تو خود میں سمٹا رہتا ہوں
لیکن ایک سمندر جیسی وسعت رکھتا ہوں
ہر دَم، ہر پل سر پر میرے سورج رہتا ہے
خود اپنے قدموں میں رہنے والا سایا ہوں 
تیری میں پہچان ہوں میری کوئی پہچان نہیں 
میں اپنے شانوں پہ رکھے تیرا چہرہ ہوں 
مانا قد اونچا ہے تیرا مجھ سے لیکن دوست 
میں اپنی گردن پر سرکو اونچا رکھتا ہوں 
مجھ سے ہی منسوب بہاریں لیکن آج رئیسؔ 
دوشِ ہوا پر اُڑنے والا پیلا پتہ ہوں 
**



میں خزاں میں پھول اُگانا چاہتا ہوں 
اِک نئے موسم کا اجرا چاہتا ہوں
شہر کے سب راستوں سے دور ہٹ کر 
اِک نیارستہ بنانا چاہتا ہوں 
تجھ سے پھر ملنے کا وعدہ کر تو لیتا 
پہلے میں خود سے ہی ملنا چاہتا ہوں 
خود کو دیکھوں اور تو آئے نظر میں 
میں ترا آئینہ بننا چاہتا ہوں
قربتیں آئین فطرت ہیں مگر میں 
فاصلے ہر دم بڑھانا چاہتا ہوں
جیب میں پیسہ رئیس اِک بھی نہیں ہے
اور میں دولت لٹا نا چاہتا ہوں 
**



سبھی ہیں چپ کوئی اہل نو انہیں ہے یہاں 
کسی کے ہاتھ میں تیغ انا نہیں ہے یہاں
جو کیجئے غور تو ہونے کو کیا نہیں ہے یہاں
محبتوں کی کمی ہے وفا نہیں ہے یہاں
یہاں بھی کھلتے کبھی پھول خوشبوئیں اُڑتیں
مدام حبس ہے جاری ہوا نہیں ہے یہاں
سبھی کو فکر کہ سرخ آسمان کیوں ہے، مگر
اٹھائے کوئی بھی دستِ دعا نہیں ہے یہاں
یہ کون لوگ ہیں اس عہد خوش لباسی میں
کسی کے جسم پہ اجلی قبا نہیں ہے یہاں
نہ کوئی طاق سیہ ہے نہ کوئی دروازہ 
مرے خیال سے کوئی رہا نہیں ہے یہاں
رئیس اب تو یقیں کر یہ شہر ہے تیرا
کہ ایک بھی تو ترا آشنا نہیں ہے یہاں
**



کہیں نہ دھوپ، نہ بارش ، ہے سائبان اُداس 
نظر جھکائے ہوئے لوگ ، آسمان اُداس 
شکار کر کے پرندہ، ہوا شکاری خوش 
لہو کے داغ اٹھائے ہوئے چٹان اُداس 
گھروں میں بھوک سے بچے بڑے فسردہ سب 
نگر میں کرفیو نافذ، ہر اِک دُکان اداس 
یہ سوچ کر میں اَدھورے سفر سے لوٹ آیا 
کہ ہجر ساعتیں کر دیں نہ میری جان اُداس 
عجیب ہو کا ہے عالم، کھنڈر ساسناٹا
مکین قید مکانوں میں اور مکان اُداس
کبھی عذاب ہے بارش تو دھوپ قہر کبھی 
تباہ ہو گئی محنت ہر اِک کسان اُداس 
نہیں ہے رخت سفر تو سفر رئیسؔ نہ کر
بلا سے ناؤ خفا ہو کہ بادبان اُداس 
**



ہوئی ہے شہر میں داخل سپاہ لگتا ہے
گھر اور بھی ابھی ہوں گے تباہ لگتا ہے
امیرِ شہر بھی اب کج کلاہ لگتا ہے
یہ حادثہ تو مجھے بے پناہ لگتا ہے 
ہنر ہے جسم پہ اُترن کو زیب کر لینا 
گدائے شہر بھی اب بادشاہ لگتا ہے 
جمی ہے ذہنوں پہ کس درجہ گردِ خوش فہمی 
جسے بھی دیکھو وہ عالم پناہ لگتا ہے 
اب انتظار نہ کر اُس کے لوٹ آنے کا 
بھٹک گیا ہے کہیں اپنی راہ لگتا ہے
یقین ہے اُسے قاتل کی سُرخ روئی کا 
وہ قتل ہوکے بھی اس کا گواہ لگتا ہے
رئیس آنکھیں اگر بولتی ہیں سچ میری 
تو کس لیے مجھے سورج سیاہ لگتا ہے 
**



ملے وجود جو مجھ کو تو اعتراف کروں
پھر اپنے آپ کا خود پر میں انکشاف کروں
صحیح پہلے تو اپنا میں شین قاف کروں 
پھر اس کے بعد میں ایجاد اک زحاف کروں
میں کرنا چاہتا ہوں خانۂ غزل تعمیر 
بصد خلوص پھر اس کا ہی میں طواف کروں 
ہر ایک لمحہ خطائیں اُگلتا رہتا ہے
مرے قلم میں تجھے کس طرح معاف کروں
کسی طرح تو ہو پہچان دوستوں کی مجھے 
ہر ایک شخص کو کیوں اپنے ہی خلاف کروں
لکیر پہلے جو کھنچی تھی بن گئی ہے خلیج 
پھر اس زمیں میں نیاکس طرح شگاف کروں
رئیس اب تو یہ بہتر ہے میں کروں تسلیم
جدید ادب سے کہاں تک میں انحراف کروں
**




زلزلے، بارش ، سلگتی دھوپ، سب دشمن مرے
کانپتے دستِ دعا، بے جان لب دُشمن مرے
میں سفیر امن ہو کر بھی ہوں کتنا بے اماں 
راستے پر خار میرے ، روز و شب دشمن مرے 
میں رہا لفظِ خوشامد سے سدانا آشنا 
ہوں انا زادہ سبھی لفظِ طلب دشمن مرے
اب تو ہوتی ہے یہاں تعظیم ملبوسات کی 
ہو گئے اِس دور میں نام و نسب دشمن مرے 
میری جاں دشتِ سکوں ، دشتِ سکوں، دشتِ سکوں
شہر کی سب رونقیں شور و شغب دشمن مرے 
میں خود اپنی آگ میں تا عمر جلتا ہی رہا
بن گئے آخر مرے غیظ و غضب دشمن مرے 
اے رئیسؔ اب شکوۂ طعنہ کشی کیوں کر کروں 
بن گئے جب میرے بازو میرے لب دشمن مرے
**



غموں کا بوجھ نہ خوشیوں کی فکر دیتا ہے
عجیب رائے مجھے میرا متر دیتا ہے
تمام عمر لکھی جس کی داستانِ وصال 
وہ مجھ کو بدلے میں اِک لفظ ہجر دیتا ہے
میں تجھ کو بھولنا چاہوں تو کس طرح بھولوں 
بہت سکون مجھے تیرا چتر دیتا ہے
ملا نہ حسنِ حقیقی، نہ دائمی خوشبو
وہ روز کاغذی پھولوں کو عطر دیتا ہے
تمام شب وہ اُڑاتا ہے نیند آنکھوں سے 
مری زباں کو وہی شوق ذکر دیتا ہے
رئیس کوئی بھٹکتا ہے جب بھی راہوں میں 
صحیح راہ اسے آ کے خضر دیتا ہے 
**



روز و شب سے رو گردانی کون کرے
منظر منظر اب حیرانی کون کرے
پل بھر میں بھر جائے بیاض شعر ابھی 
لفظ و معنی میں آسانی کون کرے
زرد رُتیں اب آ کر جاتی ہی کب ہیں
اور اب اس دھرتی کو دھانی کون کرے
دنیا کے ہاتھوں میں آگ کی لپٹیں ہیں 
جلتے ہوئے ماحول کو پانی کون کرے
بچّہ بچّہ شہر میں دانا لگتا ہے 
نئی شرارت اور نادانی کون کرے
مہنگائی پر سب ہی خوش ہیں آج رئیس
بازاروں میں اب ارزانی کون کرے
**



ہر سورقصاں عالم ہو ہے حد نظر ویرانی ہے
اَمن کے رکھوالوں کی شاید یہ سب کارستانی ہے
پانی برساٹوٹ کے لیکن کب دھرتی سیراب ہوئی 
آنکھیں خاک میں غلطاں ہیں سب منظر ریگستانی ہے
طائر ایک نہیں لوٹا ہے شام ہے شب کی بانہوں میں 
کس نے پیڑوں کے ہاتھوں پر لکھی یہ ویرانی ہے
کل جب آگ لگاتے دیکھا ایک دکاں کو رات گئے 
حیراں حیراں ساری آنکھیں صورت جانی مانی ہے
یاس اور پیاس نے قید کیا تھا مجھ کو میرے ہی گھر میں 
اب کیا آس کی آنکھیں کھولوں سرسے اونچا پانی ہے
عکس و آئینے کے رشتے میں کیسا ہے پھیررئیسؔ
حلیہ تو میرا جیسا ہے پر صورت انجانی ہے
**




آج ایک اک حرف پر تاثیر کیسے ہو گیا 
جانے یہ میرا قلم شمشیر کیسے ہو گیا
میرے چہرے پر ہمیشہ دوسرا چہرہ رہا 
زندگی کا درد پھر تصویر کیسے ہو گیا 
اتفاق رائے سے کھینچی تھی ہم نے جب لکیر
پھر نشاں سر حد کا اک شمشیر کیسے ہو گیا
زخمِ تازہ کی چمک سینے میں کیوں پیدا ہوئی 
نرم جھونکا تھا ہوا کا تیر کیسے ہو گیا 
کیا ہوں میں اور کیا مری شعری صلاحیت رئیسؔ 
پھر غزل میں شعر مثلِ میرؔ کیسے ہو گیا



آنکھوں کو دن نکلتے ہی تاویل چاہیے 
یعنی تمام رات کی تفصیل چاہیے 
لفظ ادق نباہنا آساں نہیں جناب 
معنی ہر ایک لفظ میں تحلیل چاہیے 
اچھا ہے سادگی میں ہو شوخی کا ذائقہ 
اِک بے کلف لباس کو بھی نیل چاہیے 
لکھا تو ہے نوشتۂ دل خوب آپ نے 
لیکن ابھی سلیقۂ ترسیل چاہیے 
پیروں کے آبلے بھی ہیں جب بے حدو حساب 
خاروں کا سلسلہ بھی کئی میل چاہیے 
طائر بس ایک لمحۂ فرصت میں قید ہے
یعنی طنابِ دام میں اِک ڈھیل چاہیے 
اِک یہ ہی شوق مجھ کو سفر میں رہا رئیسؔ
منظر ہر ایک موڑ پہ تبدیل چاہیے 
**



سفر یہ میرا عجب امتحان چاہتا ہے
بلا کے حبس میں بھی بادبان چاہتا ہے
وہ میرا دل نہیں میری زبان چاہتا ہے
مرا عدو ہے، مجھی سے امان چاہتا ہے
ہزار اسکو وہی راستے بلاتے ہیں 
قدم قدم وہ نیا آسمان چاہتا ہے
عجیب بات ہے مجھ سے مرا ہی آئینہ 
مری شناخت کا کوئی نشان چاہتا ہے
میں خوش ہوں آج کہ میری انا کا سورج بھی 
مرے ہی جسم کا اب سائبان چاہتا ہے
میں اس کی بات کی تردید کر تو دوں لیکن 
مگر وہ شخص تو مجھ سے زبان چاہتا ہے
**




رات تھا احساس کی موجوں کا لشکر زخم خوردہ 
صبح کو آنکھوں سے نکلا ہے سمندر زخم خوردہ 
سامنے آنکھوں کے ہر پل ایک منظر زخم خوردہ 
اور آنکھیں موند لوں تو میرا بستر زخم خوردہ 
کون تھا خنجر بکف دریا کی تہہ میں کچھ خبر ہے 
سطح پر اُبھرا تو دیکھا تھا شناور زخم خوردہ 
طنز کے تیروں کی بارش لوگ کرتے ہیں مسلسل 
اور شاعر کی انا رہتی ہے اکثر زخم خوردہ 
بن گئیں ساری شکستیں اہلِ فن کا ہی نصیبہ
اس وغا میں ہے رئیسؔ اب ہر سخنور زخم خوردہ 
**



کبھی بل کھاتی گرد پا کو دریا سوچتا ہوں 
کبھی مل جائے پیروں کو کنارا سوچتا ہوں 
کبھی میں دورِ مستقبل کا نقشہ سوچتا ہوں 
کبھی کیا دورِ ماضی کا تھا حلیہ سوچتا ہوں 
خدا ہے مجھ میں تو لازم مجھے اپنی عبادت 
یہی سچ ہے کئی دن سے میں ایسا سوچتا ہوں
میں خود آئینہ گرہوں، آئنہ خانے میں رہتا ہوں
نظر آتا نہیں کیوں میرا چہرہ سوچتا ہوں 
مشقّت لکھ کے ہاتھوں پر نکلتا ہوں سحردم
میسّر کیوں نہیں نانِ شبینہ سوچتا ہوں
چلا تھا میں رئیسؔ اِک بھیڑ کے ہمراہ لیکن 
ہجومِ درد کے درماں کو تنہا سوچتا ہوں
**



وار رئیس اوچھا ہے تیرا ہر حملہ بیکار
کاری زخم تو دیتی ہے بس شبدوں کی تلوار 
کیسے میں آزاد کراؤں خود سے خود کو یار
مجھ کو قید کیے بیٹھا ہے میرے من کا غار!
میں تو راہی دھوپ سفر کا منزل مری سراب 
کیا ڈھونڈوں میں پیڑ کا سایہ کیا دیکھوں دیوار 
چند غلام اور چند مصاحب اور سکّوں کا کھیل 
کہاں رہے راجہ رجواڑے کہاں رہے دربار
کون اس عہد میں کہتا ہو گا یہ پیاری سی بات 
میں تیری دنیا ہوں جانم تو میرا سنسار
**




مرے قلم نے جو دنیا میں نام میرا کیا
ہر ایک شخص نے پھر احترام میرا کیا
عجیب شور بپا ہے وجود میں میرے
مری انا نے مجھی کو غلام میرا کیا
شروع خود کو اسی لمحہ کر دیا اس نے
برائے ذکر جہاں اختتام میرا کیا
جھکے سروں سے کیا انحراف تو اس نے 
قبول پھر بھی مگر اتّہام میرا کیا
بظاہر آسماں کتنے سروں کی چھت ٹھہرا 
زمیں نے ہل کے مگر انہدام میرا کیا
چلا جو ذکر تو اس نے کہا کہ وہ کیا ہے
بس ایک لفظ نے قصہ تمام میرا کیا
**



زندگی ہے دنیا میں اس ہنر سے وابستہ 
اُس کا آستاں کر لو اپنے سر سے وابستہ 
میں عجب مسافرہوں یعنی آج تک میرا 
اک قدم سفر میں ہے ایک گھر سے وابستہ 
صرف سسکیوں کی اب آ رہی ہیں آوازیں 
قہقہے رہے کل تک جس کھنڈر سے وابستہ 
اس کی نیک تعبیریں کس کے کام آئیں گی
خواب میری آنکھوں کے ہیں سحر سے وابستہ 
سچ یہ ہے کہ خاموشی بے زباں نہیں ہوتی 
یعنی اک فسانہ ہے چشمِ تر سے وابستہ 
اے رئیس پاتا ہوں دل میں ایک آہٹ سی 
چاپ ہو گئی کس کی اس کھنڈر سے وابستہ 
**




مسلسل عالمِ ہو کاٹتا ہے
کہ تنہائی کا بچھو کاٹتا ہے
حقیقت ہے کہ اب حق لکھنے والا 
قلم سے اپنے بازو کاٹتا ہے
شکاری کی ضرورت ہی نہیں اب 
خود اپنا جسم آہو کاٹتا ہے
جسے تلوار کہتے ہو اُسے بھی 
زباں کا تیز چاقو کاٹتا ہے
ہنر میں اپنے ہوتا ہے جو یکتا 
گلوں سے رنگ و خو شبو کاٹتا ہے
جو فصل اُگتی ہے پتھریلی زمیں پر 
اُسے محنت کا چاقو کاٹتا ہے
**




وہی دشتِ نظر رقصاں یہی وحشت ابھی تک 
ادا کب ہوسکی ہے خون کی قیمت ابھی تک 
نہیں بھولے ہیں باہم لمس کی لذت ابھی تک 
کف و شمشیر کو ہے جنگ کی حسرت ابھی تک 
مری آنکھوں کو ہے اس بات پر حیرت ابھی تک 
نظر کو خواب منظر سے ہے کیوں نسبت ابھی تک 
لگا کر قہقہے بارش ہوئی خاموش کب کی 
مگر مصروفِ گریہ ہے ہماری چھت ابھی تک 
رواں سب کا رواں در کارواں ہیں سمتِ منزل 
نہ ہو پائے مگر ہم مائلِ ہجرت ابھی تک 
رئیسؔ اکثر گھمایا چاک بھی مٹی بھی گوندھی 
نہیں بن پائی لیکن چاندسی صورت ابھی تک 
**



وہ جو کچھ دیکھتا ہے بس وہی تحریر کرتا ہے
وہ بس غالبؔ کو غالبؔ میر کو ہی میرؔ کرتا ہے
فن چہرہ شناسی کا وہ ماہر، معترف ہوں میں 
کہ جو بھی سوچتا ہوں میں وہی تصویر کرتا ہے
مجھے لگتا ہے وہ سقراط ہے اگلے زمانے کا 
کہ چھوکر بھی وہ اکثر زہر کو اکسیر کرتا ہے
مصور ہے کہ وہ سادہ ورق زنداں بناتا ہے 
کہ ہر منظر پس منظر کو وہ زنجیر کرتا ہے
اسی اک مشغلے میں روز و شب اُس کے گزرتے ہیں
کہ وہ زخموں کو سی سی کر تراز و تیر کرتا ہے
طلسم قصہ گوئی اب کہاں باقی رئیسؔ اُس کی 
وہی قصے پرانے ہیں جنھیں تقریر کرتا ہے
**



منزلیں مٹتی ہوئیں دور آسماں ہوتا ہوا
وحشتوں کے بیچ انساں بے زباں ہوتا ہوا
میں جنوں رفتار سب راہوں کو سرکرتا رہا
غازیِ ٴ گفتار کا چہرہ دھواں ہوتا ہوا
خواب کے صحراؤں میں تعبیر کی بارش کی آس 
رات کے ہمراہ دن بھی رائیگاں ہوتا ہوا
صبح کے تازہ شگوفے شام کے جلتے چراغ 
آج کا پختہ یقیں کل کا گماں ہوتا ہوا 
صبر کی کوشش لبوں پر تشنگی لکھتی ہوئی 
چار جانب ریت کا دریا رواں ہوتا ہوا 
**



شجر یوں تو ہیں سایہ دار میرے 
سلگتے ہیں در و دیوار میرے 
ہر اک لمحہ مجھے کرتے ہیں تنہا 
یہ میرا شہر اور بازار میرے 
میں دشتِ حبس میں رہتا ہوں لیکن 
ہے جنگل اور سب اشجار میرے
سکوں تنہائی سب کچھ چھین لیں گے 
بہت دشمن ہیں یہ اخبار میرے 
بنا دے گی بس اِک تیری گواہی 
تمام اقرار ہی انکار میرے 
رئیس اک دن انا میری کرے گی 
مکاں شہرت کے سب مسمار میرے 
**



حسین قوسِ قزح جب گھٹا سے پہلے ہے
تو کیسا حبسِ مسلسل ہوا سے پہلے ہے
پکار اونچی صدا میں مگر خیال رہے 
مرا مکان بھی شہر انا سے پہلے ہے
میں آنسوؤں کی چتائیں جلائے پھرتا ہوں 
ترا وجود مری انتہا سے پہلے ہے
مرے ہی جنبشِ پا سے یہ رہ گزر نکلی
کہاں پہ راہ مرے نقش پا سے پہلے ہے
رئیس اس سے ملا کیا مجھے وراثت میں 
یہ میری شاعری اس کی عطا سے پہلے ہے 
**




سب کچھ ہے مگر شعبدہ بازی نہیں آتی 
حد ہے کہ ہمیں وعدہ خلافی نہیں آتی 
گو شام سے شمع دل اُمید ہے روشن 
طاقِ دلِ ویراں پہ سیاہی نہیں آتی 
اب دست رسائی کا ہنر خام ہے یعنی 
ہونٹوں پہ ہمارے تو دعا ہی نہیں آتی 
ہم خود کو فرشتوں کا طرف دار سمجھتے 
حصّے میں ہمارے جو سزا ہی نہیں آتی 
لوگوں کی طرح اپنا بھی سر شانوں پہ ہوتا 
لیکن ہمیں جھکنے کی ادا ہی نہیں آتی 
صدیوں سے وہی دھوپ کا منظر ہے نظر میں 
اک عمر سے صحرا میں گھٹا ہی نہیں آتی 
**




یقیناً کچھ بھی ناممکن نہیں تھا
مگر وہ سرکشی کا دن نہیں تھا
عجب تھا شہر لاتعداد گھر تھے
مگر کوئی وہاں ساکن نہیں تھا
وہ با عزت رہائی پا گیا ہے 
کبھی جس کا کوئی ضامن نہیں تھا
سعادت مند تھے الفاظ سارے 
کسی بھی شعر میں لیکن نہیں تھا 
کبھی آیا تھا ایسا بھی زمانہ 
خزانہ تھا مگر خازن نہیں تھا
سبھی تھے شعبدہ بازی کے قائل 
کسی کے بس میں کوئی جن نہیں تھا
**



عذابِ جاں مسلسل دیکھتا ہوں
کہ میں ہر سمت مقتل دیکھتا ہوں
بتائے کوئی دستک دوں کہاں اب 
جب اک اک در مقفل دیکھتا ہوں
ہوئی ہے شہر کی تہذیب عنقا
بس انسانوں کا جنگل دیکھتا ہوں
مری ہستی کابس حاصل یہی ہے
میں پلکوں پر جو مشعل دیکھتا ہوں 
زمیں شق ہو گی یا سیراب ہو گی 
بہت خوں رنگ بادل دیکھتا ہوں
یہ خواہش ہے کہ اب خود کو بھی دیکھوں 
میں دنیا کو تو ہر پل دیکھتا ہوں
سبھی غزلیں مری لوٹا دو مجھ کو 
میں ذہنوں کو معطل دیکھتا ہوں 
مجھے تعبیر کی حاجت نہیں ہے
میں خواب اکثر مکمل دیکھتا ہوں
**




سمندر کیا اُسے قطرہ بہت ہے 
رئیس اندر سے وہ پیاسا بہت ہے 
یہاں آ کر تو پچھتاوا بہت ہے 
کہ دنیا بھر میں ہنگاما بہت ہے
زمیں کو اوڑھ کر جو سوگیا ہے
بقید زندگی جاگا بہت ہے 
جہاں سایہ تو ڈوبے سنگ تیرے 
مری حیرت کو وہ دریا بہت ہے
کسی سے پوچھیں کیوں پہچان اپنی 
خود اپنے دل کا آئینہ بہت ہے 
جہاں تک آنکھ دیکھے گھر ہے اپنا 
یہ کہہ کر دل کو بہلایا بہت ہے 
تلاطم میں کہیں ڈوبے نہ کشتی 
مرا ملاح لاپروا بہت ہے
**




اُس کی خودی کا کیوں مجھ کو ادراک ہوا 
وہ میری نظروں میں خس و خاشاک ہوا 
کوہِ انا کا سایا دور ہوا ہم سے 
پردہ جب آنکھوں سے جنوں کا چاک ہوا
اُچھلے سر معصوموں کے بھی نیزوں پر 
شہر کا موسم اتنا کیوں سفاک ہوا 
دستِ ہنر ہی آخر اپنے کام آیا 
سنگ جو پھینکا دریا میں تیراک ہوا 
جنگل میں ہنگامۂ رقص و موسیقی 
شہروں کا سناٹا وحشت ناک ہوا 
دریا دریا ریت نچوڑا پلکوں سے 
منظر پیاس کا ایسا عبرت ناک ہوا 
**




بہ زعم لفظ کبھی معتمد نہیں ہوتے 
ہمارے شعر کہیں مسترد نہیں ہوتے 
ابھی نظر کو جلادو کہ منزلیں ہیں بہت 
کسی کے نقش مسافت کی حد نہیں ہوتے 
عجیب چہرہ ازل سے مری نگاہ میں ہے 
نمایاں جس کے کبھی خال و خد نہیں ہوتے 
وہ لوگ اور بھی راہیں تلاش کر لیتے 
دل و نگاہ جو صرف حسد نہیں ہوتے 
تمہارے ذہن کی دیوار کِرم خوردہ ہے 
وگرنہ فیصلے اس طرح رد نہیں ہوتے 
ہمارے سامنے ٹوٹی ہیں کتنی تعبیریں 
مگر یہ زاویے آنکھوں سے بد نہیں ہوتے 
رئیسؔ خود کو اگر منکسر نہ کر لیتے 
ہمارے شہر میں لوگوں کے قد نہیں ہوتے 
**



راہ مجھے انجانی دے 
لیکن شام سہانی دے 
دریا تو پھر دریا ہیں 
صحراؤں کو پانی دے
یاری سب کو بھاتی ہے
کون مگر قربانی دے 
مجھ کو جو زندہ رکھے 
شعر ایسا لافانی دے 
میری بھیگی آنکھوں کو 
خواب نہ ریگستانی دے 
دھرتی ساری سوکھ گئی 
دریا کو طغیانی دے 
چھین لے مجھ سے آئینہ 
یا صورت لاثانی دے 
دانا ہو کر خاک ہوا 
اب مجھ کو نادانی دے
**



سروں سے گردِ سفر ہم جو صاف کرتے ہیں 
تو اپنی ہار کا خود اعتراف کرتے ہیں
کہیں جو بحرِ تخیل میں ڈوبتا ہوں میں 
اُبھر کے لفظ قلم کا طواف کرتے ہیں
تجھے میں خط کبھی لکھوں تو کس طرح بھیجوں 
کہ مجھ سے نامہ رساں اختلاف کرتے ہیں
عجیب خوف شکستوں کا ہے ابھی طاری 
ہم اپنے فیصلے اپنے خلاف کرتے ہیں
رئیسؔ پار اترنا کہاں نصیب ان کا 
جو اپنی ناؤ میں خود ہی شگاف کرتے ہیں
**




فن کا ادراک مری روح میں تحلیل بھی ہو
تاکہ اے شعر شگفتہ تری تشکیل بھی ہو
ہے مرے زیرِ قدم ایک لق و دق صحرا
اس سفر میں کہیں منظر کوئی تبدیل بھی ہو
جانے کیوں درد جگا دیتا ہے ہر رات مجھے 
میری خواہش ہے کبھی خواب کی تکمیل بھی ہو
حکمِ انصاف تو منصف نے کیا ہے جاری 
پھر بھی لازم تو نہیں حکم کی تعمیل بھی ہو
اپنے حالات سے مایوس نہیں ہم لیکن 
ظلمتِ یاس میں روشن کوئی قندیل بھی ہو
**




یقین بھی ہے ہمیں اور یہ گمان بھی ہے
کہ زندگی ہے حقیقت بھی ، داستان بھی ہے
لگی ہوئی ہیں نگاہیں سبھی کی منصف پر 
کہ واقعات میں تو جھوٹ کا بیان بھی ہے
سپاہ ڈھونڈتی پھرتی ہے اب بھی گلیوں میں 
بچا ہوا کسی گھر میں کوئی جوان بھی ہے
کلف قمیص میں ہے جیب ہے مگر خالی 
ہمارے ساتھ بزرگوں کی کوئی شان بھی ہے
ہزار قتل کے الزام ہیں رئیسؔ اُس پر 
قبا پہ اُس کی لہو کا کہیں نشان بھی ہے
**




ہر ایک لمحہ گزرتا ہے دل پہ شاق بہت 
اُڑا رہا ہے زمانہ مرا مذاق بہت 
یہ اور بات کہ ویرانیاں تھیں آنکھوں میں 
تمام شہر میں روشن تھے بام و طاق بہت 
اُسے تھا ہم سے بہت بغضِ بے سبب لیکن 
ہمیں خود اُس سے تھا ملنے کا اشتیاق بہت
جتا رہا تھا جو ہمدردیاں زمانے سے 
خود اس کے دل میں رہا لوگوں سے نفاق بہت 
بہا رہے تھے وہی لوگ بے کسوں کا لہو 
لبوں پہ جن کے تھے نغماتِ اتفاق بہت 
**



جنون عشق مرا وجہ اختلاف ہوا
قصور یہ نہ کبھی آج تک معاف ہوا
ہوا تو فائدہ کچھ ذہن و دل سے دوستی کا
دھواں دھواں سا جو منظر تھا آج صاف ہوا
ملا ہی کیا ہے مجھے تیرے شہر میں آ کر
یہی ہوا کہ مرے دل میں اک شگاف ہوا
کسی گواہ کی حاجت نہیں رہی باقی
مرے ہی لفظوں میں جب میرا اعتراف ہوا
پلٹ نہ جائے ہوا سرد موسموں کی طرف 
دریدہ حد سے زیادہ مرا لحاف ہوا
جنم لیا کئی اصناف شاعری نے یہاں
مگر غزل سے کہیں بھی نہ انحراف ہوا
سبھی خدا کی پرستش میں ہیں یہاں مصروف 
کہیں پہ سجدہ ہوا ہے کہیں طواف ہوا
بتا رہے ہیں فن شاعری تمہیں جو رئیسؔ
درست آج تک ان کا نہ شین قاف ہوا
**



جوش سبھی کا سرد ہوا 
کون یہاں پر مرد ہوا 
موسم آب نورد ہوا 
دیواروں کے درد ہوا 
اُجلے شہر میں آ کر بھی
میں توسراپا گرد ہوا 
ظاہر جنگ کے نقشے میں
کب باتوں کا مرد ہوا 
موسم موسم سبز مگر 
چہرہ چہرہ زرد ہوا 
دشمن یار کی بستی میں 
میرا اِک اِک فرد ہوا
برسوں سے گھر کب آیا
میں آوارہ گرد ہوا 
**



حل یوں سارے مسائل کر 
تو ہی مجھ کو حاصل کر 
مجھ کو مجھ پر کھول ذرا
ظاہر باطن باطل کر
اوروں کے دُکھ سہتا ہوں
مجھ کو خود سے غافل کر
مجھ کو نئے معانی دے 
اور لفظوں کو سائل کر 
کچھ نہ بچا اب بستی میں 
اور سپاہی داخل کر
ساری عمر چلا ہوں میں 
قدموں میں اب منزل کر 
چاند زمیں پر اُترا ہے 
تو بھی رئیس آ جامل کر 
**




خلوص جب سے نظر میں فضول ہو گیا ہے 
ہر ایک لمحۂ ہستی ملول ہو گیا ہے 
ہمیں جو لطفِ سفرکا حصول ہو گیا ہے
ہمارا نقلِ مکانی اصول ہو گیا ہے
ہے تیرے ہاتھوں میں شمشیر بے نیام تو ہو 
ہمیں بھی سرکوکٹانا قبول ہو گیا ہے
ہمارا ذوق مسافت بھی لفظ بے معنی 
تمہارا نقشِ کف پا بھی دھول ہو گیا ہے
جو خام راہ میں پہچان اپنی کھو آیا 
وہ اختصارِ سفر مجھ کو طول ہو گیا ہے
مرے جگر کی سپر بھی نڈھال ہو گئی اب 
تری نگاہ کا شعلہ بھی پھول ہو گیا ہے 
رئیسؔ تمغہ ملا کیا ہے گل بیانی کا
کہ حرف حرف ہمیں کو ببول ہو گیا ہے
**



طالبِ علم اگر آج کے غالبؔ ہو جائیں
نامناسب سبھی الفاظ مناسب ہو جائیں
میں جو لکھوں تو زمیں کھول دے سینہ اپنا 
اور اگر بولوں تو دریا بھی مخاطب ہو جائیں
چاند چھونے کی تمنا میں بڑی بات نہیں 
گاؤں گمنام جو ہیں شہر عجائب ہو جائیں
میں وہ مجذوب ہوں گر دشت نشیں ہو جاؤں 
یہ شجر اور حجر میرے مصاحب ہو جائیں 
شاعری رزق دہندہ نہیں بننے والی 
اب تو اچھا ہے رئیسؔ آپ بھی تائب ہو جائیں
**



جانشینِ میرؔ ہوں مجھ سا سخنور کون ہے
سب کو دعویٰ ہے یہی میرے برابر کون ہے
چبھتا رہتا ہے مری آنکھوں میں ہر دم اک سوال
کوئی پس منظر نہیں تو پیش منظر کون ہے
روز بے انجام جنگوں کی خبر پڑھتے رہو
یہ نہ پوچھو کون پورس ہے سکندر کون ہے 
کر رہا ہے ریزہ ریزہ مجھ کو روز و شب کوئی 
کون ہے روزِ ازل سے میرے اندر کون ہے
دوستو تم ٹھیک کہتے ہو زمیں پر ہے رئیسؔ 
لیکن اتنا تو بتاؤ آسماں پر کون ہے
**



مری شریکِ سفر میری تشنہ کامی تھی 
سدا نصیب میں حالات کی غلامی تھی 
اب اس میں موردِ الزام قافلہ کیوں ہو 
سبب بچھڑنے کا خود میری تیز گامی تھی 
مرا کمال چھپا تھا مری خموشی میں 
ترا زوال مگر تیری بد کلامی تھی 
صلیبِ جرم پہ مصلوب ہو گیا آخر 
مری حریف تو خود میری نیک نامی تھی 
ہمارا ضبط ہماری سپر بنا ورنہ 
تمہاری تیغ زنی میں نہ کوئی خامی تھی
گواہ تھا نہ کوئی میری بے گناہی کا 
برائے نام ہی دنیا جو میری حامی تھی
ہمارا عشق یہ مانا کہ چار دن کا تھا
تمہارے عشق کی کب زندگی دوامی تھی
رئیسؔ حمد کراُس کی نظام میں جس سے 
ازل سے روزِ ابد تک خوش انتظامی تھی
**



ترے ہونے کی میں خود ہوں گواہی 
مرا مالک ہے تو ہی یا الٰہی 
تجھے انصاف کی مسند مبارک 
مرے ہمراہ میری بے گناہی 
تجھے دستار و جبہ پر بھروسہ 
مجھے راس آئی میری کج کلاہی 
کسے ہمت کہ آ کر جنگ کر لے 
ہے اس بستی کا ہر بچہ سپاہی 
مرے خوابوں میں ہے اک چاند چہرہ 
لگا دو مہرِ تاباں پر سیاہی 
فقیری کی ہے اب تک شان باقی 
تو ٹھوکر میں نہ کیوں ہو بادشاہی 
رئیسؔ اس دور پہ چھائی ہوئی ہے
شکوکِ باہمی کی بے پناہی 
**




مرے سخن سے کرم اُس کا آشکارا ہے
ہر ایک لفظ اُسی نے مرا نکھارا ہے
تمام عمر کا حاصل فقط خسارا ہے
لکھا ہوا مرے دل پر یہ گوشوارہ ہے
مجھے خبر ہے کہ اشکوں کی روشنائی سے
مرے نصیب کا لکھا اب آشکارا ہے
جس اعتماد سے تھی میرے شہر کی رونق 
وہ اعتماد ہی خود آج پارہ پارہ ہے 
زبان و نطق سے محروم ہے رئیسؔ مگر 
ہر ایک موڑ پہ اُس نے مجھے پکارا ہے
**



ملے گی ہم کو نہ منزل یقیں زیادہ ہے
مسافرت کا جنوں کم زمیں زیادہ ہے
ترا لباس اگر دل نشیں زیادہ ہے
تو اپنا ذوقِ نظر بھی کہیں زیادہ ہے
نظر ٹھہرتی نہیں جھلملاتے ہیں تارے 
اُسے خبر نہیں وہ خود حسیں زیادہ ہے
خلوص ڈھونڈ رہے ہو تو نگروں میں میاں 
یہ شے جہاں ہے غریبی وہیں زیادہ ہے
یہاں خلوص کی اُمید میں ہم آئے تھے 
پتا چلا کہ تعصّب یہیں زیادہ ہے
ترے مزاج پہ کیا تبصرہ کیا جائے 
ہے شبنمی بھی مگر آتشیں زیادہ ہے 
جہاں سے پائی زمانے نے روشنی کل تک 
جناب آج اندھیرا وہیں زیادہ ہے
یہ جس کو حالِ غمِ دل سنار ہے ہو رئیسؔ 
یہ غم شناس ہے کم نکتہ چیں زیادہ ہے
**



چھنوائیں گے یہ تم سے بہت خاک وغیرہ
ہوتے ہیں بہت شہر میں چالاک وغیرہ 
رہتا ہوں ترے ساتھ کہ پاکر تری صحبت 
بڑھ جائے گا میرا بھی کچھ ادراک وغیرہ 
ہاں عمر گزاری ہے بہت کوزہ گروں میں 
آیا نہ گھمانا بھی ہمیں چاک وغیرہ
منصف کو سند ملتی ہے انصاف کی اکثر 
تعریف کیا کرتے ہیں سفاک وغیرہ 
آیا نہ کوئی ڈوبتے انساں کو بچانے 
ساحل پہ کھڑے تھے کئی تیراک وغیرہ
یوں غم نہ مجھے صبر و تحمل سے سوا دو 
ہو جائیں گی آنکھیں مری نمناک وغیرہ
جذبات میں یوں بہہ گئے کچھ لوگ رئیسؔ آج 
سیلاب میں جیسے خس و خاشاک وغیرہ
**



سب سے پوشیدہ رہیں اپنے پہ ظاہر ہو جائیں 
بند ادراک کے جب سارے دفاتر ہو جائیں
زرد رُت سوئی ہوئی شاخوں پہ سوکھے دریا
قید آنکھوں میں نہ پھر ایسے مناظر ہو جائیں 
کاش مل جائیں وہ جنّات چراغوں والے
میں اُنہیں حکم کروں اور وہ حاضر ہو جائیں 
سوچتا ہوں کہ محبت میں تقدّس نہیں جب 
لوگ اس نام سے بیزار نہ آخر ہو جائیں 
عصرِ حاضر کی اتاروں کوئی ایسی تصویر
دیکھتے ہی جسے حیراں سبھی ناظر ہو جائیں
بھول بھی جائیے مجھ کو کہ نہیں چاہتا ہوں
آپ رسوائے زمانہ مری خاطر ہو جائیں 
سادگی نے مجھے رکھا ہے تہی دست رئیسؔ 
میرے بچوں کو دعا دو کہ وہ شاطر ہو جائیں 
**




جو من کے آنگن میں درد و غم کا جلا ہوا ہے چراغ جاناں 
وہ دے رہا ہے مرے عزیزوں کی ذہنیت کا سراغ جاناں 
کہاں ہے نشے کی لت مجھے اب سرور ومستی کی چاہ کب ہے
کہ میرے لب سے لگا ہوا ہے مرے لہو کا ایاغ جاناں
گزر کے تخم و نمو کی منزل سے عمر گزری ہے پرورش میں 
ہے تیری محنت کا ہی نتیجہ اُجڑ نہ جائے یہ باغ جاناں
نتیجہ احساس کمتری کا ہیں تلخ جملے یہ ناقدوں کے 
نہ معنیِ شعر میں کمی ہے نہ میرے لفظوں میں داغ جاناں
ہر ایک گھر میں ہے بھوک نالاں گلی گلی میں رئیسؔ خوں ہے 
میں اپنی پروا بھی کیا کروں اب بٹا ہوا ہے دماغ جاناں
**



ہو جائے زیاں عمر کا ہم اُف نہیں کرتے
سہہ لیتے ہیں ہر زخم تاسف نہیں کرتے
دے دیتے ہیں ہم جان بھی احباب کی خاطر 
یاروں سے کبھی یار تکلف نہیں کرتے 
رہ جاتے ہیں پیراہنِ الفاظ پہن کر 
مفہوم سے ہم عصر تعارف نہیں کرتے 
مصروفِ سفر رہتے ہیں تھک کر بھی برابر 
بے جا کبھی رستوں کا تصرف نہیں کرتے 
ہوتے ہیں مخیر تو رئیسؔ آئنے بے حد 
جو عکس لٹانے میں توقف نہیں کرتے 
**



ذہن جب وابستۂ وہم و گماں ہو جائے گا
خوف سے ہر شخص کا چہرہ دھواں ہو جائے گا
جب قلم لکھے گا اپنے عہد کے چبھتے سوال
اے امیرِ شہر تیرا امتحاں ہو جائے گا
پھر کئی صدیاں کسی ساعت میں گم ہو جائیں گی
پھر کوئی تشنہ دہن دریا بجاں ہو جائے گا
مان لیں گے لوگ کیا یک رنگ ہے سب کا لہو
کیا مرا ہندوستاں جنت نشاں ہو جائے گا
معرکہ وہم و یقیں کا سر تو کر لیں پہلے آپ 
ان سرابوں سے میاں دریا رَواں ہو جائے گا
چمچماتے شہر، غرقِ سیلِ غم ہو جائیں گے 
اشک گر خوں بن گیا تو بیکراں ہو جائے گا
تو رئیس الدین ہے زیبِ ردائے سادگی 
اوڑھ کر کمخواب کب شاہِ جہاں ہو جائے گا
**


مرے جذبات کی شدّت بھی وہ تسلیم کر لے گا
مرے اشعار کی گہرائی تک جب ذہن پہنچے گا
بسا ہے میری نظروں میں رواں ہے خونِ دل میں وہ 
غبارِ آسماں تو چاند کو کیسے چھپائے گا
یہ دعویٰ ہے کہ اپنے آپ سے ہو جائے گی نفرت 
اگر دشمن مرے بارے میں ٹھنڈے دل سے سوچے گا 
نہ ہو گا مشتعل کوئی بھی میری حق بیانی پر 
خدا ہر شخص کو جب میرا دل میری نظر دے گا 
کسی کو آزمانے کی کوئی حد بھی تو ہوتی ہے 
ابھی مجھ ناتواں پر اور کتنا بوجھ ڈالے گا 
ہمارا دل جو بہلاتی ہے رت سرسبز خوابوں کی 
تو لگتا ہے ہمیں اشکوں کا موسم پھر نہ لوٹے گا
اگر تاثیر ہے لفظ و بیاں میں تو رئیسؔ اک دن 
مخاطب ہوں میں پتھر سے تو وہ پتھر بھی بولے گا
**



وہ میرے دل کی گلی سے گزرنے والا ہے 
مری حیات کا چہرہ نکھرنے والا ہے 
تھکے تھکے سے سرراہ اٹھ رہے ہیں قدم 
تو قافلہ کہیں بے شک ٹھہرنے والا ہے 
تلاشِ رزق میں نکلوں کہ بیٹھ کر سوچوں 
مرے لیے من و سلویٰ اترنے والا ہے
جسے چھوا ہے خیالات اور خوابوں نے 
مری نظر سے وہ منظر گزرنے والا ہے
بس اس امید پہ بیٹھا ہوں میں لبِ دریا
جو میں نے پھینکا تھا وہ سنگ ابھر نے والا ہے 
رئیسؔ جھوٹا دلاسہ ہے اور کچھ بھی نہیں 
کہ اس کا بخشا ہوا زخم بھرنے والا ہے 
**



بات کیا حیرت کی جو اس میں روانی اب نہیں 
خشک ہے برسوں سے وہ دریا کہ پانی اب نہیں 
جس جگہ میں نے چھپایا سروہاں آسیب ہے 
کیا کروں میں طاقتِ نقلِ مکانی اب نہیں 
جکڑے رہتی ہے مجھے بے نام سی اک کیفیت 
ذہن و دل میں یاد بھی کوئی پرانی اب نہیں 
سر جھکا کر باتیں جو سن لیں وہ بچے اب کہاں 
ان میں ذوقِ شعر و فن فکرِ معانی اب نہیں 
نیند آنکھوں سے ہوئی رخصت زمانہ ہو گیا
اب کوئی لوری نہیں کوئی کہانی اب نہیں 
**


تجھ کو اپنے شعروں میں تحلیل کروں 
تب جا کر اک قصرِ غزل تشکیل کروں 
یوں ہی کیوں میں لفظوں کو تبدیل کروں 
کوئی گنہ ہو سرزد تو تاویل کروں 
صبح کا منظر صدیوں پہلے جیسا ہے
سوچ رہا ہوں کیسے اسے تبدیل کروں
ایک سلگتا دشت ہے کب سے دل میرا 
رو رو کر میں خشک آنکھوں کو جھیل کروں
چاند بھی جب کالی چٹانوں والی زمیں 
کس شے سے تیرے رخ کی تمثیل کروں
محفل محفل جس کا پھیلے نور رئیسؔ
اپنے سخن سے روشن وہ قندیل کروں
**



ہمیشہ پانی پہ ہم تو لکیر کھینچتے ہیں
ہمارے دوست مگر ہم پہ تیر کھینچتے ہیں
سروں پہ جن کے رکھے ہم نے اقتدار کے تاج 
لہو رگوں سے وہ ظالم وزیر کھینچتے ہیں 
کبھی نہ پار اُتارے گی ہم کو خود داری 
کہ ہم ندی میں انا کی لکیر کھینچتے ہیں 
مرید آتے ہیں لے کر عقیدتیں کیا کیا 
عقیدتوں کی وہ چادر ہی پیر کھینچتے ہیں 
بھرم رکھوں بھی تو کیسے سفید پوشی کا 
جو گھر سے نکلوں تو دامن فقیر کھینچتے ہیں
پکڑ تو رکھی ہے رسّی رئیس نے حق کی 
مسائل آج کے لیکن ضمیر کھینچتے ہیں 
**



ہر اِک فقرہ مرا پر کھا ہوا ہے
سماعت کو کہیں دھوکا ہوا ہے
چلا ہوں مدتّوں کچّی زمیں پر 
نمایاں اب کہیں رستہ ہوا ہے
ادا کرنا قصاص آساں ہے تم کو 
مگر سودا بہت مہنگا ہوا ہے
اُجاگر ہو گئے مکروہ چہرے 
مرا ہر لفظ آئینہ ہوا ہے 
رئیسؔ آساں نہیں خود قتل ہونا 
یہ منصوبہ بہت سوچا ہوا ہے 
**



خوش کرتے اسے آپ نے ناراض کیا کیوں 
خط لکھا اسے جب تو خطا وار لکھا کیوں 
موسم تو ابھی زرد ہے اے باغِ برہنہ 
پہنائے ابھی وقت تجھے سبز ردا کیوں 
تعبیر ہے کس خواب کی کوئی تو بتا دے 
لگتا ہے سمندر بھی مجھے ریگ نما کیوں 
آئینہ دکھاتا ہے ضمیر آج تجھے کیا 
ہونٹوں پہ غنیم آیا ترے حرفِ دعا کیوں 
اک عمر گزاری ہے اسی درد محل میں 
محسوس ہوا آج مجھے درد نیا کیوں 
منظر تو انوکھا بھی ہے دلکش بھی ہے لیکن 
سوکھی ہوئی شاخوں پہ کوئی چاند سجا کیوں 
**



یہ اہتمام سبھی کی نظر میں رہنا تھا
کہ لمحے لمحے کی تازہ خبر میں رہنا تھا
رخِ جمیل پہ زلفیں بکھیرنے والے 
کچھ امتیاز تو شام و سحر میں رہنا تھا
حیات حسرتِ سیر وسفر میں ختم ہوئی 
کہ مجھ کو قید خود اپنے ہی گھر میں رہنا تھا
میں اپنے گاؤں میں لوٹا تو لوگ کہنے لگے 
کہ مجھ سے شعبدہ گر کو نگر میں رہنا تھا
رئیسؔ شام سے ہی جل اٹھیں مری آنکھیں 
کوئی چراغ اس اُجڑے کھنڈر میں رہنا تھا
**




ادب کا خادمِ ادنیٰ ہوں کوئی قد نہیں رکھتا 
میں اقلیمِ ہنر میں کوئی بھی مسند نہیں رکھتا 
محبت جس سے کرتا ہوں بڑی شدت سے کرتا ہوں
اگر نفرت بھی دل میں ہو تو چشمِ بد نہیں رکھتا 
حقیقت اور ہو تو آئینے کو کیسے جھٹلاؤں 
جو مجھ سے روز کہتا ہے میں خال و خد نہیں رکھتا 
کسی دریا کی صورت تو سما جا میری ہستی میں 
میں ساگر کی طرح وسعت کی کوئی حد نہیں رکھتا 
دلوں کو جوڑنا ہے مشرب و مسلک رئیسؔ اپنا 
مرا ملکِ وفا ایسا ہے جو سرحد نہیں رکھتا
**



کل رات بڑی دمک رہی تھی 
زخموں کی زمیں چمک رہی تھی
لکھتا رہا رات آپ بیتی 
الفاظ کی فصل پک رہی تھی 
آنکھوں میں تھے خوش جمال پیکر 
بجلی سی اک چمک رہی تھی
میں رات خموش تھا مگر رات 
آنگن میں بہت کھنک رہی تھی
بارش تو ٹھہر چکی تھی لیکن 
مخدوش سی چھت ٹپک رہی تھی 
حیراں تھا کوئی بہت کہ پیہم 
تصویر اُسی کو تک رہی تھی 
دیکھا تھا رئیسؔ مجھ کو تنہا 
رات آتے ہوئے جھجک رہی تھی
**



عارض، آنکھیں، اَبرو، زُلفیں، لب لکھنا
ہم سے آیا رنگیں غزلیں کب لکھنا
گہری نیند میں سونے کا کرتب لکھنا
سمجھ سکو تو دنیا کا مطلب لکھنا 
ایک اِک سانس کی قیمت دینا پڑتی ہے
خون پسینہ کر کے دن کو شب لکھنا
جب عنوان مرے قصّے کا لکھنا ہو
ہلکی آہٹ اور دھندلی سی چھب لکھنا
جس میں کیف خواب بھی ہو اور نیند بھی ہو
ایسی میرے نام رئیسؔ اِک شب لکھنا 
**



فریبِ لفظ و بیاں میں اسیر ہو گئے ہیں
کہ ہم بھی شعرو ادب کے سفیر ہو گئے ہیں
دِل و نگاہ مقید جو فاصلوں میں ہوئے 
قدم ہمارے بھی سرحد لکیر ہو گئے ہیں 
ہمارے دستِ سخاوت رکھے ہیں جیبوں میں 
یہ لگ رہا ہے کہ اَب ہم امیر ہو گئے ہیں 
صدا لگا کے بتانے لگے ہیں مستقبل 
گدائے شہر بھی روشن ضمیر ہو گئے ہیں 
اِدھر چراغ جلاتا ہوں وہ بجھاتے ہیں
ہوا کے ہاتھ بھی کتنے شریر ہو گئے ہیں
ضعیف ہو گئے لوگوں کے اعتقاد رئیسؔ 
جبھی تو راندۂ درگاہِ پیر ہو گئے ہیں 
**


کام لوگوں کے جو خواہش کے مطابق ہو جائیں 
تو یقیں ہے کہ سبھی لوگ موافق ہو جائیں 
میں بھی گر جھوٹ کے آگے کروں سر خم اپنا 
سارے حالات ابھی میرے موافق ہو جائیں 
ہم یقیناً ہی سما جائیں تری آنکھوں میں 
اپنے اعمال جو منظورِ خلائق ہو جائیں 
لبِ اظہار کو تاثیر عطا کر یا رب 
لفظ جتنے ہیں مری نظم کے لائق ہو جائیں 
پھول پتھر میں بھی کھل اُٹھیں اُسی لمحہ رئیسؔ 
اپنے مولا کے جو ہم بندۂ صادق ہو جائیں 
**



خودی کا خود سے ہی اظہار کرتا رہتا ہے
وہ اپنے آپ کو مسمار کرتا رہتا ہے
شریف لوگوں سے تکرار کرتا رہتا ہے
شرافتوں کی حدیں پار کرتا رہتا ہے
گراں گزرتی ہے جب پست قامتی اپنی 
تو ذکر جبّہ و دستار کرتا رہتا ہے
ہر ایک شخص ملا ہم کو غازیِ گفتار 
زبان ہی کو جو تلوار کرتا رہتا ہے
نشاط جاں ہے کڑی دھوپ کا سفر اس کو 
خود اپنی راہ کو دشوار کرتا رہتا ہے
رئیسؔ اپنے ہی شعروں کے سنگریزوں سے 
انا پہ اپنی ہی خود وار کرتا رہتا ہے
**



زمینِ فن کو تبھی لالہ زار کرتے ہیں
ہم اپنے آپ کو جب خاکسار کرتے ہیں
مجھے رئیسوں میں شاید شمار کرتے ہیں
گدائے رہ جو مرا انتظار کرتے ہیں 
میں کیسے رکھوں بھلا دشمنوں کی صف میں اُنھیں 
اگر چہ یار ہی یاروں پہ وار کرتے ہیں
کہیں پہ اور بنا لیں گے جا کے گھر اپنا 
ہم اپنے کاندھوں پہ خیمہ سوار کرتے ہیں 
جو شاعری میں نہ کچھ کرسکے اثر پیدا 
خود اپنے آپ لقب اختیار کرتے ہیں
**




ورق ورق ہی نہیں حاشیہ بھی لکھتے ہیں
ہم اپنے ہاتھوں پہ اکثر دُعا بھی لکھتے ہیں
ہم اپنے عہد کے سچّے مورخّوں میں ہیں
نہ صرف جشن، ہر اِک سانحہ بھی لکھتے ہیں
تراہی عکس ہمارے ہر ایک شعر میں ہے 
تجھے غزل ہی نہیں آئنہ بھی لکھتے ہیں 
کسی کو راہ میسر جہاں نہیں ہوتی 
ہمارے پاؤں وہیں راستہ بھی لکھتے ہیں 
رئیسؔ ہجر کی لذت سے آشنا ہیں مگر 
برائے قرب کبھی فاصلہ بھی لکھتے ہیں 
**



اک یہی رکھتا ہے ہم راز سفر کا رتبہ 
ہم کو معلوم ہے رستے کے شجر کا رتبہ 
تم جلاؤ تو وہاں جا کے سرِ شام چراغ 
منکشف ہو گا تبھی تم پہ کھنڈر کا رتبہ 
جو تھکن اوڑھ کے آیا ہے اُسی سے پوچھو
کتنا ہوتا ہے فزوں رات کو گھر کا رتبہ 
میرے ماتھے پہ ہے جو گردِ سفر جانتی ہے
اُس کی ہجرت کے المناک سفر کا رتبہ 
پل میں ذرے کو یہ مہتاب بنا دیتی ہے
آپ سمجھے ہی نہیں اہلِ نظر کا رتبہ 
کوئی دستک اگر اُبھرے تو پتا چل جائے 
کم نہیں ہوتا ہے دیوار سے در کا رتبہ 
**




یوں تو معلوم نہیں خود ہمیں کیا مانگتے ہیں
ہاتھ اٹھا کر سحر و شام دعا مانگتے ہیں
یہ ہرے اور گھنے پیڑ بہاروں کے امیں
سبز موسم سے الگ آب و ہوا مانگتے ہیں
کیا زمانہ ہے کہ سورج کے پجاری بھی یہاں
بجھ چکے ہیں جو چراغ ان سے ضیا مانگتے ہیں
بے گناہی کی سنددے بھی چکی خلق جنہیں 
حاکمِ وقت سے وہ پھر بھی سزا مانگتے ہیں
سرچھپا نے کو مکاں پیٹ کی خاطر روٹی 
ربِ کونین سے کیا اس کے سوا مانگتے ہیں
**



شب کے آخر پہر میں ڈوبا ہے جو ستارا جانے ہے 
ہجر زدہ ہر شعر غزل کا کیوں ہے ہمارا جانے ہے 
بے جاں بازو تند ہوا پتوار شکستہ کوئی نہیں 
ناؤ انا کی غرق ہوئی کیوں صرف کنارا جانے ہے 
درد و کرب سے دیوار و درہم نے تو تعمیر کئے 
لیکن یہ مصنوعی مسرت کس کو سہارا جانے ہے
چاہت کا بے رنگ پتنگ اب لگتا ہے کٹ جائے گا
کن ہاتھوں میں جائے گا یہ وقت کا دھارا جانے ہے 
تم کو رئیسؔ احباب سے ہے امیدِ وفا تو حیرت کیا 
خوش فہمی تو موجِ تلاطم کو بھی کنارا جانے ہے
**



نیا نہیں کوئی ان میں سبھی پرانے ہیں
یہ تیرے وعدے نہیں ہیں فقط بہانے ہیں 
ہمارے گھر میں نہیں روشنی تو حیرت کیا 
کہ بے چراغ فقیروں کے آستانے ہیں 
نہیں نہیں مجھے تعبیر کی تلاش نہیں 
حقیقتاً یہی سپنے مرے خزانے ہیں 
بدل کے آئے ہیں بس مسئلے لباس اپنا 
نئی ہیں سرخیاں لیکن وہی فسانے ہیں
تلاشِ دانۂ گندم سفر میں رکھتی ہے
وگرنہ شہر میں اپنے بہت ٹھکانے ہیں
رئیسؔ ڈھلتی ہیں جن میں بلند تقدیریں 
خدا ہی جانے کہاں پروہ کارخانے ہیں 
**



رات پھر ایک نظم لکھّی گئی 
زندگی مثلِ زخم لکھّی گئی 
قیدِ تنہائی میں بھی میرے نام 
ایک خوابوں کی بزم لکھّی گئی 
تھک گئی دھوپ جب جلا کے مجھے 
چاندنی مجھ پہ گرم لکھی گئی 
اوس کی بوند پنکھڑی سے اڑی 
جب کرن اس پہ نرم لکھّی گئی
میری تقدیر کے نوشتے میں 
غمِ دوراں سے رزم لکھّی گئی 
اور ہم کس ہنر میں کامل تھے
عاشقی ہم پہ ختم لکھّی گئی
ہجر کو وصلِ یار لکھنا پڑا 
محض رسماً یہ رسم لکھّی گئی
**



جو روز شب کے تو شب روز کے دباؤ میں ہے
ہر ایک لمحۂ ہستی یہاں تناؤ میں ہے
میں کیسے پار کروں اس انا کے دریا کو 
شکستہ ہو چکی پتوار چھید ناؤ میں ہے 
نظر میں آ گئے اپنے بڑھے ہوئے ناخن 
عجب سکون کا احساس آج گھاؤ میں ہے 
شبِ فراق ہے پھر سر پہ خیر ہو یا رب 
کہ ڈور دن کی بہت شام کے کھنچاؤ میں ہے 
ضرورتوں کے سمندر میں پھر اٹھا طوفاں 
گرانیوں کا یہ دریا بھی کیا بہاؤ میں ہے 
ذراسی بے رخی برتی رئیسؔ آج اس نے 
تمام جسم مرا برف کے الاؤ میں ہے 
**



بڑے مکانوں سے اٹھتی ہیں آندھیاں اب بھی 
کہ بین کرتی ہیں خاموش بستیاں اب بھی 
کوئی صدا ہے نہ دستک نہ آہٹیں لیکن 
لگی ہوئی ہیں مکانوں پہ تختیاں اب بھی 
کھنڈر ہوئی وہ حویلی مگر در و دیوار 
سنا ہی دیتے ہیں مجبور سسکیاں اب بھی 
زبان و لب یہاں شیرو شکر ہوئے لیکن 
گھلی ہوئی ہیں نگاہوں میں تلخیاں اب بھی 
پڑی ہیں پاؤں میں ہجرت کی بیڑیاں سچ ہے 
بلا رہی ہیں مگر مجھ کو بستیاں اب بھی 
حقیقتوں سے مفر بھی رئیسؔ کیسے ہو 
رلا رہی ہیں پرانی کہانیاں اب بھی 
**




وا یہ احساس انا لب نہیں ہونے دیتا 
حل یہ ظالم مرا مطلب نہیں ہونے دیتا 
اب جہاں جان چکا اس کی ادا کاری کو 
کامیاب اس کا یہ کرتب نہیں ہونے دیتا 
آگ نفرت کی بجھانا تو نہیں نا ممکن 
سرد ان شعلوں کو مذہب نہیں ہونے دیتا 
ہر گھڑی کوئی سفر زیرِ قدم ہے میرے 
گھر میں ساکن تو یہ مرکب نہیں ہونے دیتا 
ہے غمِ رزق مری فکرِ سخن کا دشمن 
ذہن میں شعر مرتب نہیں ہونے دیتا 
اس سے برسوں کے ہیں یارانہ مراسم بھی مگر 
بے تکلف اُسے منصب نہیں ہونے دیتا 
کچھ عجب سا ہے مرے شہر کا ماحول رئیسؔ 
میرے بچوں کو مہذّب نہیں ہونے دیتا 
**



نہ ترے فعل میں موجود نہ کردار میں ہے 
وہ صداقت جو بظاہر تری گفتار میں ہے
میری گردن مرے شانوں پہ ہے بے خوف مگر
کیسی لرزش یہ ترے ہاتھ کی تلوار میں ہے
اقتدار آشنا تحریر کے الفاظ پرکھ
کیا کوئی حاشیہ پیما تری سرکار میں ہے
ترے اقرار میں مضمر ہے نہیں کا پہلو
اور جھلک ہاں کی نمایاں ترے انکار میں ہے
میں نے سوچا تھا کہ مل جائے گی سورج سے پناہ 
اتنی ٹھنڈک بھی کہاں سایۂ دیوار میں ہے
ایٹمی بم سے زیادہ ہے ہلاکت انگیز
ایک کنکر جو ابابیل کی منقار میں ہے
اپنی حساس طبیعت سے پریشاں ہوں رئیسؔ
بے حسی عام بہت کوچہ و بازار میں ہے
**



نہ شب میری، نہ صبح و شام میرے 
مکاں کس نے لکھا یہ نام میرے
اچانک کیوں ملی مجھ کو رہائی 
یہ سر کس نے لیے الزام میرے 
مرے قصے ہیں میری آپ بیتی 
نہ صرف آغاز، سب انجام میرے
کہاں رہتے ہیں آخر چاند سورج
نہیں ہوتے ہیں روشن بام میرے 
مجھے تسلیم کب کرتا ہے کوئی 
سبھی ابہام ہیں الہام میرے 
میں عاجز ہوں بہت تشنہ لبی سے 
کوئی لبریز کر دے جام میرے 
رئیس آخر کہاں ان کو چھپاؤ 
چرا لیتے ہیں غم، آرام میرے 
**



سب شاعر گونگے بہرے ہیں لفظوں کی یلغار کہاں 
ہر سو قہر ہوا ہے نازل قلم کہاں تلوار کہاں 
تنخواہیں تھوڑی ہیں لیکن گھر کے اخراجات بہت 
بچوں کی روٹی کی خاطر لوگوں کی اتوار کہاں 
لائیں کہاں سے تیل اور باتی مٹی کا بھی دیا نہیں 
شب برات اور دیوالی جیسے اب گھر میں تہوار کہاں 
پہلے ماں کی بیماری میں وہ بھی سستے دام بکیں 
اب تو گلٹ کی پایل کی بھی آنگن میں جھنکار کہاں 
اوروں کے دُکھ درد بٹانا ماضی کی تاریخ ہوئی 
اس نگری کے لوگوں میں وہ پہلے جیسا پیار کہاں
لے آئی جنگل میں سب کو بھوک چمکتے شہروں کی 
دیہاتوں کی رونق اب وہ میلے وہ بازار کہاں 
**




کہیں اپنا رنگ نہ کھودیں ہم ان کچّے پکّے رنگوں میں 
چلو ہم بھی شامل ہو جائیں کہیں جا کے مست ملنگوں میں 
ہمیں ہاتھوں کا کب لمس ملا کسی ڈور نے ہم کو کب باندھا 
ہمیں ڈھونڈ رہی ہیں نظریں کیوں ان اُڑتی پھرتی پتنگوں میں 
بس اتنا ہوا کہ اک تمغہ سینے پہ سجا کے لوٹ آئے 
کب مال غنیمت ہاتھ آیا کیا ہم کو ملا ان جنگوں میں 
جسے دستِ شفقت سمجھے تھے وہ دستِ بغاوت تھا یارو 
کام آئے نہ کچھ ہمسائے بھی گھر جل گئے جھگڑوں دنگوں میں 
کیا تم سے رئیسؔ اب بتلائیں اس دور سیاست میں خود کو 
کس طرح بچائے رکھتے ہیں اس شہر ادب کے ننگوں میں 
**

میری بیاضوں کے اوراق 
میری فکر کے روشن طاق 
میری غزل شایانِ قبول 
کیسا ہے خود سے ہی مذاق 
ڈوبتا سورج دیکھا جب 
وہ پل دل پر گزرا شاق 
ہاتھ ملاتے ہیں جھک کر 
رکھتے ہیں وہ دل میں نفاق 
سب کی مانگ ہے عالی جاہ
دیں ہم کو بھی استحقاق 
آگے بھی کر کسبِ ہنر 
یاد بھی رکھ پچھلے اسباق 
عشق ہے ایسا نور رئیسؔ 
جس سے روشن ہیں آفاق 
**



عارضِ سرخ پر نمی سی ہے
برف شعلے پہ کچھ جمی سی ہے
شہر والے ہیں کچھ عجب مخلوق 
شکل ہر چند آدمی سی ہے
گاؤں نے کی سکوں پذیرائی 
شہر میں پھر بھی برہمی سی ہے
نا مکمل ہے زندگی شاید 
ابھی آفات میں کمی سی ہے
کوئی طوفاں رئیسؔ اُٹھے گا
نبضِ دوراں تھمی تھمی سی ہے
**



چین دل میں تو کبھی سر میں جنوں چاہتا ہوں
اپنی آواز ترے لب سے سنوں چاہتا ہوں
اپنی غزلوں میں نہ خود اپنا ہی خوں چاہتا ہوں
ہر طرف معنی و الفاظ نگوں چاہتا ہوں
سحر، الفاظ میں اور لب پہ فسوں چاہتا ہوں
کیا غلط ہے جو تجھے ٹوٹ کے یوں چاہتا ہوں
کھینچ لیتے ہیں مسائل مجھے اپنی جانب 
ورنہ آواز تری سن کے رکوں چاہتا ہوں
ہوں تو اک ذرۂ ناچیز مگر قصرِ غزل 
تیری عظمت کا محافظ میں بنوں چاہتا ہوں
گنبدِ ذات کا یہ شور ذرا تو تھم جائے 
میں بھی کچھ لمحہ رئیسؔ آج سکوں چاہتا ہوں
**


بسے ہو شہر میں تو اب ادا کاری بھی آئیگی 
یقیں رکھو پھر اس کے ساتھ عیاری بھی آئے گی
یہاں دستار ہی کیا سر بھی بازاروں میں بکتے ہیں
جو ہو گی جیب میں نقدی خریداری بھی آئے گی
ابھی اسلاف کی پگڑی سلامت ہے مرے سر پر 
یہ گر جائے گی جب سر سے تو سرداری بھی آئے گی
کسی کو شہر میں نوحہ گری کا فن نہیں آتا 
رہیں گے گاؤں میں تو پھر عزا داری بھی آئے گی
شجر سے گر رہے ہیں پھول اور پتے ابھی لیکن 
مجھے لگتا ہے کچھ دن میں مری باری بھی آئے گی
ابھی کیا ہے ابھی تو آئے ہو دشتِ تمنا میں 
خودی کی دھوپ میں جل کر شجر کاری بھی آئے گی
رئیسؔ اتنی بھی شہرِ فن میں بے صبری نہیں بہتر 
ریاضت جب کرو گے تم تو فنکاری بھی آئے گی
**



غیر ممکن ہے کہیں کوئی علامت مل جائے 
شہر میں تجھ ساکسی کا قد و قامت مل جائے 
گفتگو کرنے لگیں مجھ سے ابھی سناٹے 
کاش لفظوں کو مرے کوئی کرامت مل جائے 
سجدۂ شکر ترے در پہ تبھی ممکن ہو
شہر آشوب میں سرکوئی سلامت مل جائے 
زندگی تو ہی بتا مجھ سے یہ کیسا ہے مذاق 
میں تجھے ڈھونڈ نے نکلوں تو قیامت مل جائے 
کیوں نہ اُس سر کے مقدر پہ ہنسیں لوگ رئیسؔ 
تاج مانگے تو اُسے سنگِ ملامت مل جائے
**



وہ جھوٹا ہے مجھے جھوٹے دلائل دے گیا ہے
مگر ادراک کو میرے وسائل دے گیا ہے
مرے رستے میں دریا دشت اور کہسار رکھ کر
سہولت کی جگہ مجھ کو مسائل دے گیا ہے
بس اک سکے کی خاطر میرے دروازے پہ آ کر 
دعا جینے کی لمبی عمر سائل دے گیا ہے 
میں اپنے بے ہنر ہاتھوں سے شرمندہ تھا لیکن 
مرے خاکوں کو وہ رنگِ خصائل دے گیا ہے
بہت حیران ہیں تنقید کے آئینے لیکن 
مری غزلوں کو وہ دادِ شمائل دے گیا ہے
یہ کون آخر دمِ رخصت رئیسؔ ان آنسوؤں سے 
لکھے ہیں آنکھ نے جو حرفِ زائل دے گیا ہے
**



کون ہے آخر بتا میرا وہ ہوتا کون ہے 
کشتیاں میری سمندر میں ڈبوتا کون ہے
زخم دیتا ہے تو کاری زخم دیتا ہے مجھے 
ہاں مگر تیزاب سے زخموں کو دھوتا کون ہے 
کوئی بھی ویراں جزیرے میں نہیں میرے سوا
پھر بکھر کر ٹوٹ کر یہ مجھ میں روتا کون ہے
خارزاروں ، سنگ زاروں میں بجز میرے بتا
ایسی میٹھی اور گہری نیند سوتا کون ہے
جلتے صحرا ہی فقط تعبیر ہوتے ہیں رئیسؔ 
رات بھر آنکھوں میں تخم خواب بوتا کون ہے
**




ہم جیسا سمجھتے ہیں، ویسا، دراصل نہیں ہوتا کوئی 
کچھ فرق یقیناً رہتا ہے، ہم شکل نہیں ہوتا کوئی 
چھت بیٹھی ستوں بھی ٹوٹ گئے دیوار گری سب کچھ اُجڑا 
اس گھر سے لیکن کیوں اَب بھی بے دخل نہیں ہوتا کوئی 
ہم اس کو لہو سے سینچتے ہیں، ہر لمحہ حفاظت کرتے ہیں
کیوں دل دھرتی پر سبز کبھی اک نخل نہیں ہوتا کوئی 
سب منصف و نصف بے مصرف، سب عادل وادل بے معنی 
یہ سب باتیں بے کار کی ہیں یہاں عدل نہیں ہوتا کوئی 
یہ مسئلے روزی روٹی کے کسے فرصت عشق محبت کی 
اب ہجر زدہ یاں کوئی نہیں اب وصل نہیں ہوتا کوئی 
**



عروج بخشے وہ چاہے  مرا زوال کرے
مجھے قبول ہے جو ربِ ذوالجلال کرے
تمام نعمتیں دے کر بھی خستہ حال کرے
مجھے کمال بھی بخشے تو با کمال کرے 
میں اس کے سامنے رہتا ہوں لا جواب سدا 
نہیں امید کہ اب وہ کوئی سوال کرے 
مجھے جھکانے کی سب کوششیں ہوئیں نا کام 
وہ اور مجھ پہ ستم کوئی بے مثال کرے
میں ہجر و وصل کی حد سے نہ اجتناب کروں 
وہ اپنے دل میں نہ پیدا کوئی ملال کرے
میں اپنی فوج کو لے کر تو بڑھ رہا ہوں رئیسؔ 
غنیم اور نہ ایجاد کوئی چال کرے
**



لفظ و معانی ذہن ہمارا تول رہا ہے صدیوں سے 
جانے کیا تخلیق میں اپنی جھول رہا ہے صدیوں سے 
سرگوشی ہوتی رہتی ہے واضح کوئی لفظ نہیں 
میرے اندر شاید کوئی بول رہا ہے صدیوں سے 
کچھ کھوٹے سکوں کے بدلے اک بے نام ترازو میں 
اپنا خون پسینہ کوئی تول رہا ہے صدیوں سے 
کیسے ہو پہچان یہاں اب جھوٹے سچے لوگوں کی 
چہرہ چہرہ روز نیا اک خول رہا ہے صدیوں سے 
شاخِ یقیں سے وقت کا طائر کیا جانے کب اُڑ جائے 
بیٹھا وہم کے سائے میں پر تول رہا ہے صدیوں سے 
خون سے بھیگی ریگِ ہوس پر اب تک میرا زخمی ہاتھ 
آئینہ اخلاص کے ذرے رول رہا ہے صدیوں سے 
**



رخ ترے تیر کا ہاں میری طرف اب تو نہیں 
پھر بھی کیوں مان لوں میں تیرا ہدف اب تو نہیں 
چوٹ سی لگتی ہے کیوں سنگِ سماعت پہ مرے 
پھر کہیں دشت میں بجتا ہوا دف اب تو نہیں 
پھر وہ محفل میں بلاکر نظر انداز کرے
اس کا امکان پسِ عز و شرف اب تو نہیں 
اے شجر کیوں تری شاخوں کو نہیں ہے جنبش 
سائے میں تیرے کوئی شنگ بکف اب تو نہیں 
کوئی آئے تو سہی دستِ مشقت لے کر 
کون کہتا ہے تہہ آب صدف اب تو نہیں 
فتح کا چہرہ وضاحت سے بھی عاری ہے رئیسؔ 
جنگ میں تیرے مقابل کوئی صف اب تو نہیں 
**

رباعیات 
افکار میں خورشید و قمر پاؤ گے 
اشعار میں جادو سا اثر پاؤ گے 
اُردو کا میں وہ شاعر بیکس ہوں جسے 
بے خانماں و خاک بسر پاؤ گے
**

محرومِ کرم فیض سے میں خالی ہوں
نادار ہوں میں موردِ بد حالی ہوں 
ہاں غیب سے آتی ہے مگر ایک صدا 
مایوس نہ ہونا میں ترا والی ہوں
**

جب بزم سخن میں میری باری آئی 
تب کام میری جادو نگاری آئی 
اے میری غزل تیری بدولت مجھ تک 
اعزاز کی شہرت کی سواری آئی 
**

دریا پہ مکاں اپنا بناؤں کیسے 
تعمیر یہ پانی پہ اٹھاؤں کیسے 
جس ہاتھ میں قسمت کی لکیریں ہی نہیں 
وہ دست شناسوں کو دکھاؤں کیسے 
**

قطعات 

کتنے ہی ا برِ رواں گزرے زمیں کے سر سے 
قطرے قطرے کو مگر پیاس کے مارے ترسے 
ذرہ ذرہ سے صدا ابھری کہ پانی ! پانی! 
پھر بھی تپتے ہوئے صحرا پہ نہ بادل بر سے 
**

پتھروں کے شہر میں اے شخصِ آئینہ صفت 
تجھ سے ہر آواز تیری اس طرح ٹکرائے گی
ذرہ ذرہ ٹوٹ کر ہو گا ترا اپنا وجود 
اس دیارِ سنگ کی لعنت تجھے کھا جائے گی
**

عجب تھی انتظار و ہجر کی شب 
فلک پہ تارا تارا رو رہا تھا
مری آنکھیں مسلسل جاگتی تھیں
مگر میرا مقدر سورہا تھا
**

دیارِ سنگ میں حیرت فزا سا ہے منظر 
ضمیر اہلِ یقیں، وہم نے جھنجوڑ دیا 
تمام شہر میں بے چہرگی کا عالم ہے
طلسمِ شیشہ گری پتھروں نے توڑ دیا 
**


اک آس بندھی رہتی ہے آنکھوں کو مسلسل 
جو نیند کے صحراؤں میں کھونے نہیں دیتی 
ہر صبح کا انجام اندھیرا سہی لیکن 
سورج کی لگن رات میں سونے نہیں دیتی 
**


ہر اک رنگِ شہرِ جنوں ، خواب تھا
کہیں کیا کہ ہر گوں نہ گوں خواب تھا
فضا رات کی سحر انگیز تھی 
کھلی آنکھ تو ہر فسوں خواب تھا

**

شاعر کی اجازت اور تشکر کے ساتھ
ان پیج سے تبدیلی، تدوین، اور  برقی کتاب کی تشکیل: اعجاز عبید
