﻿

سیرت  رسولؐ کے کچھ پہلو



جمع و ترتیب: اعجاز عبید












سیرت النبیﷺ اور اصلاح معاشرہ

ناصر محمود کشمیری 

اصلاح معاشرہ انفرادی تربیت کے ذریعے

معاشرہ ایک انسانی ’’عمارت‘‘ ہے جس کی اینٹیں وہ افراد ہیں جن کے معاشرتی تعلقات سے اس کے زندہ عناصر تشکیل پاتے ہیں ، یہ عناصر جتنی قوت، زندگی اور شادابی فکر کے حامل ہوں گے اسی کے بقدر معاشرے کو میدان زندگی میں مقام و مرتبہ حاصل ہو گا۔
اسی لئے قرآن کریم فرد کی اخلاقی تربیت پر پوری توجہ دیتا ہے اور روحانی،عقلی اور مادی اعتبار سے تیار کرتا ہے تاکہ اسی تربیت کے ذریعے اسی کا مستقبل وجود ابھر سکے اور اسی کے صادر ہونے والے اقوال و افعال میں ذاتی اور آزاد ادارہ نکھر کر سامنے آئے۔

اصلاح معاشرہ

اخلاقی تربیت کا اظہار بلا چوں اور چرا اللہ اور اس کے رسول کے احکام کی پیروی سے ہوتا ہے۔
فَلَا وَرَبِّکَ لَا یُؤْمِنُونَ حَتَّی یُحَکِّمُوکَ فِیمَا شَجَرَ بَیْنَہُمْ ثُمَّ لَا یَجِدُوا فِی أَنْفُسِہِمْ حَرَجًا مِمَّا قَضَیْتَ وَیُسَلِّمُوا تَسْلِیمًا(النساء 65)
’’اے محمد تمہارے رب کی قسم یہ کبھی مومن نہیں ہوسکتے جب تک کہ وہ اپنے باہمی اختلافات میں تم کو فیصلہ کرنے والا نہ مان لیں ، پھر جو کچھ تم فیصلہ کرواس پر اپنے دلوں میں کوئی تنگی محسوس نہ کریں بلکہ سراسر تسلیم کر لیں ۔‘‘
( إِنَّ الَّذِینَ اتَّقَوْا إِذَا مَسَّہُمْ طَائِفٌ مِنَ الشَّیْطَانِ تَذَکَّرُوا فَإِذَا ہُمْ مُبْصِرُونَ ) (الأعراف201)
’’حقیقت میں جو لوگ متقی ہیں ان کا حال تو یہ ہوتا ہے کہ کبھی شیطان کے اثر سے کوئی برا خیال انہیں چھو بھی جاتا ہے تو فوراً چونکنے ہو جاتے ہیں اور پھر انہیں صاف نظر آنے لگتا ہے ان کے لئے صحیح طریقہ کار کیا ہے۔‘‘

اصلاح بذریعہ نماز

نماز انفرادی تربیت کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اس لیے کہ وہ ایسا سرچشمہ ہے جس سے مسلمان تقویٰ حاصل کرتا ہے اور اپنے گناہوں کی آلودگیوں کو دھوتا ہے۔‘‘
سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ’ ایک مرتبہ ایک شخص نے ایک عورت کابوسہ لیا (پھر اسے ندامت ہوئی تو) وہ نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور ماجرا سنایا اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی :
(وَأَقِمِ الصَّلَاۃَ طَرَفَیِ النَّہَارِ وَزُلَفًا مِنَ اللَّیْلِ إِنَّ الْحَسَنَاتِ یُذْہِبْنَ السَّیِّئَاتِ ) (ہود114)
’’اور نماز قائم کرو دن کے دونوں سروں پر اور کچھ رات گزرنے پر بے شک نیکیاں برائیوں کو دور کر دیتی ہیں ۔‘‘
اس شخص نے کہا کیا یہ صرف میرے لیے ہے آپﷺ نے فرمایا : یہ میری امت کے تمام افراد کے لئے ہے۔‘‘
اس سے معلوم ہوا کہ خشوع و خضوع اور صدق دل سے نماز پڑھنے والے اللہ تعالیٰ کی محفوظ پناہ میں ہوتے ہیں ، اگر انہیں کوئی تکلیف لاحق ہوتی ہے جزع و فزع نہیں کرتے اور اگر کوئی خیر حاصل ہو تو اسے روک کر نہیں رکھتے، اسی لیے قرآن میں نماز کے قیام کا حکم دیا گیا ہے اور ساتھ ہی نافرمانی سے اجتناب کے لئے فرمایا گیا ہے۔
(وَأَنْ أَقِیمُوا الصَّلَاۃَ وَاتَّقُوہُ وَہُوَ الَّذِی إِلَیْہِ تُحْشَرُونَ) (الأنعام: 72)
’’نماز قائم کرو اور اس کی نافرمانی سے بچو، اسی کی طرف تم لوٹائے جاؤ گئے۔‘‘
نماز انسان کی تربیت کا ایک اہم ذریعہ ہے اگر اس کا وجدان ذلت وپستی کے احساس سے آزاد ہو جائے تو اسے کوئی پریشانی لاحق ہو گی نہ روزی کا خوف اور نہ وہ اللہ کے علاوہ کسی سے ڈرے گا۔ اسی طرح اگر اسے اس بات کا احساس ہو گا کہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ اس کا گہرا تعلق ہے تو اسے اپنی زندگی کے بارے میں کوئی خوف نہیں ہو گا۔

اصلاح بذریعہ عجز وانکساری

اسلام مومن کے نزدیک دنیا کی حیثیت بتدریج کم کرنے کی کوشش کرتا ہے تاکہ لوگوں کو معلوم ہو جائے کہ دنیا اور مال و دولت فتنہ، ابتلاء اور آزمائش ہیں ۔
قرآن کہتا ہے ( وَلَا تَمُدَّنَّ عَیْنَیْکَ إِلَی مَا مَتَّعْنَا بِہِ أَزْوَاجًا مِنْہُمْ زَہْرَۃَ الْحَیَاۃِ الدُّنْیَا لِنَفْتِنَہُمْ فِیہِ وَرِزْقُ رَبِّکَ خَیْرٌ وَأَبْقَی ) (طہ: 131)
’’اور نگاہ اٹھا کر بھی نہ دیکھو دنیوی زندگی کی اس شان و شوکت کو جو ہم نے ان میں سے مختلف قسم کے لوگوں کو دے رکھی ہے یہ تو ہم نے انہیں آزمائش میں ڈالنے کے لئے دی ہے اور تیرے رب کا دیا ہوا رزق حلال بہتر اور پائندہ ہے۔‘‘
اس آیت کے ذریعہ انسانی اقدار کے اعتبار سے رد کیا گیا ہے تاکہ مال و متاع سے متعلق خالص مادی اقدار کے نتیجہ میں لاحق ہونے والے ضعف و اضمحلال سے مسلمان محفوظ رہیں ۔ قرآن فرد کی تربیت کے ضمن میں اس کی حقیقت یوں بیان کرتا ہے 
(فَلْیَنْظُرِ الْإِنْسَانُ مِمَّ خُلِقَ Oخُلِقَ مِنْ مَاء ٍ دَافِقٍ O یَخْرُجُ مِنْ بَیْنِ الصُّلْبِ وَالتَّرَائِبِ ) (الطارق5- 7)
’’پھر ذرا انسان یہی دیکھ لے کہ وہ کس چیز سے پیدا کیا گیا ہے ایک اچھلنے والے پانی سے پیدا کیا گیا جو پیٹھ اور سینے کی ہڈیوں کے درمیان سے نکلتا ہے۔‘‘
قرآن اس مفہوم کو متعدد مقامات پر بیان کرتا ہے تاکہ انسان کے دل میں یہ بات گھر کر جائے کہ اس کی اصل تخلیق کا مقصد کیا ہے ؟ اسی کے مطابق تمام انسان مٹی سے پیدا ہوئے ہیں اور تمام انسانوں کی تخلیق ’’حقیر‘‘ پانی سے ہوئی ،پس جس طرح انسان طبعی طور پر ایک دوسرے سے افضل نہیں اسی طرح ایک جنس دوسری جنس سے اور ایک قوم دوسری قوم سے تخلیقی اعتبار سے کوئی فضیلت نہیں رکھتی ہے۔
( یَا أَیُّہَا النَّاسُ إِنَّا خَلَقْنَاکُمْ مِنْ ذَکَرٍ وَأُنْثَی وَجَعَلْنَاکُمْ شُعُوبًا وَقَبَائِلَ لِتَعَارَفُوا إِنَّ أَکْرَمَکُمْ عِنْدَ اللَّہِ أَتْقَاکُمْ إِنَّ اللَّہَ عَلِیمٌ خَبِیرٌ ) (الحجرات13)
’’لوگو! ہم نے تم کو ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا ہے پھر تمہاری قومیں اور برادریاں بنا  دیں تاکہ تم ایک دوسرے کو پہچانو، بے شک اللہ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے جو تمہارے اندر سب سے زیادہ پرہیزگار ہے ، بیشک اللہ سب کچھ جاننے والا اور باخبر ہے۔‘‘

اصلاح معاشرہ اجتماعی تربیت کے ذریعہ

تعمیر معاشرہ کی پہلی بنیاد مومن فرد کی تربیت ہے تاکہ اس کی حیثیت معاشرے کی عمارت ، میں ایک اچھی اینٹ کی ہو اور صحیح رائے عامہ ہموار ہو۔ دوسری بنیاد فرد اور جماعت کے مابین الفت و محبت، ربط و تعلق پیدا کرتا ہے تاکہ دونوں میں سے ہر ایک پر کچھ ذمہ داریاں عائد ہوں اور کچھ حقوق ملیں ہر فرد سب سے پہلے اس بات کا مکلف ہے کہ اپنا مخصوص عمل اچھی طرح انجام دے کیونکہ کسی کام کو بحسن و خوبی انجام دینا عبادت ہے ۔ دوسرا یہ کہ ہر فرد نگران ہے اور اس کی نگرانی معاشرے سے متعلق ہے۔ جیسا کہ رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے:
’’ کلکم راع وکلکم مسؤول عن رعیتہ ‘‘
’’تم میں ہر شخص نگران ہے اور اس سے اس کی رعیت کے بارے میں سوال کیا جائے گا۔‘‘
(وَتَعَاوَنُوا عَلَی الْبِرِّ وَالتَّقْوَی وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَی الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ ) (المائدۃ: 2)
’’نیکی اور بھلائی کے کاموں میں ایک دوسرے سے تعاون کرو اور گناہ اور ظلم کے کاموں میں ایک دوسرے سے تعاون نہ کرو۔‘‘
ہر فرد اس بات کا بھی مکلف ہے کہ اگر کوئی منکر ’برا کام‘ ہوتا ہوا دیکھے تو اسے روکے حدیث میں ہے کہ ’’تم میں سے کوئی شخص ’’منکر‘‘ ہوتا ہوا دیکھے تو وہ اسے اپنے ہاتھ سے روکے اگر اس کی طاقت نہ رکھتا ہو تو زبان سے روکے اور اگر اس پر بھی قادر نہ ہو تو دل سے برا سمجھے اور یہ ایمان کا کمزور ترین درجہ ہے۔‘‘
اخلاقیات و کردار کا اجتماعی ضابطہ پوری مسلم جماعت کی ذمہ داری ہے، جو لوگ علی الاعلان گناہ کا ارتکاب کرتے ہیں ان کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے اسی طرح سزا کے مستحق وہ لوگ بھی ہیں جو معاشرے میں برائیوں کا فروغ چاہتے ہیں اس لئے ایک ایسا ضابطہ وجود میں لانے کا ہر شخص ذمہ دار ہے جس سے معاشرے میں مکارم اخلاق کی ترویج او ر برے اقوال و افعال کا خاتمہ ہو۔

اصلاح و تربیت بذریعہ اسوۂ حسنہ

اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ کو مبعوث فرمایا تاکہ آپ ﷺ لوگوں کے لئے اسوہ ہوں ۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے
 (لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِی رَسُولِ اللَّہِ أُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ ) (الأحزاب: 21)
’’درحقیقت تم لوگوں کے لئے اللہ کے رسول میں ایک بہترین نمونہ تھا۔‘‘
یعنی رسول اللہ ﷺ کی شخصیت نئے معاشرے کے لئے مینارہ نور ہے، سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے کسی نے سوال کیا کہ رسول اللہ ﷺ کے اخلاق کیسے تھے؟ تو انہوں نے فرمایا آپ ﷺ کے اخلاق قرآن (کا عملی نمونہ) تھے۔
رسول اللہ ﷺ نے اپنے کردار اور اخلاق سے اسی معاشرے کی تربیت فرمائی ، اور ہر عمل میں اپنی ذات کو بطور نمونہ پیش کیا ۔ رسول اللہ ﷺ کی صورت میں اسلام نے اس معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا جس نے جاہلیت کی پستی سے اٹھا کر بلند چوٹی پر پہنچا دیا اور انہیں اس بات کا احساس دلایا کہ گویا ان کی پیدائش اور پرورش آز سہر نو ہو رہی ہے۔ خود مسلمانوں کو بھی بخوبی احساس ہو گیا تھا کہ معاشرے میں آنے والی یہ تبدیلی کتنی عظیم اور کتنی پر شکوہ ہے۔ چنانچہ انہوں نے خود کو اسی نظام الٰہی کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کی جس کی برکتوں کا مشاہدہ انہوں نے رسول اکرم ﷺ کی صورت میں کیا تھا۔ اس عمیق شعور کے نتیجے میں ان کے دل میں جاہلیت کی تمام باتوں سے نفرت پیدا ہو گئی ۔ اسی لیے آیت تحریم نازل ہونے کے بعد وہ رسول ﷺ سے سوال کرنے لگے تھے ’’ماذا احل لھم ‘ ان کے لے کیا حلال کیا گیا ہے؟ اللہ تعالیٰ نے اس کے جواب میں فرمایا ’’ قُلْ أُحِلَّ لَکُمُ الطَّیِّبَاتِ‘‘ کہو کہ تمہارے لیے ساری پاک چیزیں حلال کر دی گئی ہیں ۔
سورۃ الاعراف میں رسول اللہ ﷺ کا یہ وصف بیان کیا گیا ہے کہ وہ ناپاک چیزوں کو حرام کرتے ہیں۔

اصلاح و تربیت بذریعہ وعظ و نصیحت

اسلام نے اجتماعی تربیت کے جو طریقے بتائے ہیں ان میں ایک وعظ و نصیحت ہے اس لیے کہ وہ نفس انسانی پر براہ راست اثر انداز ہوتا ہے۔ اچھی نصیحت دل و جان سے ہم آہنگ ہو جاتی ہے اگر اس کے ساتھ کوئی اسوۂ اور معاشرہ بھی ایسا ہو جو فرد کو اسوۂ اختیار کرنے پر اکسائے اور آمادہ کر لے اسوۂ حسنہ جذبات کو اپیل کرتا ہے اور ان میں جوش و ولولہ پیدا کرتا ہے۔ قرآن میں بکثرت ایسے مواعظ و ہدایات و تعلیمات موجود ہیں ۔
(إِنَّ اللَّہَ یَأْمُرُ بِالْعَدْلِ وَالْإِحْسَانِ وَإِیتَاء ِ ذِی الْقُرْبَی وَیَنْہَی عَنِ الْفَحْشَاء ِ وَالْمُنْکَرِ ) (النحل: 90)
’’بیشک اللہ عدل واحسان کا حکم دیتا ہے اور قرابت داروں کے حقوق ادا کرنے کا حکم دیتا ہے اور بے حیائی اور برائی کے کاموں سے روکتا ہے ۔
سورۃ النساء میں ارشاد فرمایا ہے کہ
(إِنَّ اللَّہَ یَأْمُرُکُمْ أَنْ تُؤَدُّوا الْأَمَانَاتِ إِلَی أَہْلِہَا وَإِذَا حَکَمْتُمْ بَیْنَ النَّاسِ أَنْ تَحْکُمُوا بِالْعَدْلِ إِنَّ اللَّہَ نِعِمَّا یَعِظُکُمْ بِہِ ) (النساء 58)
’’اور اللہ تم کو حکم دیتا ہے کہ امانتیں اہل امانت کے سپرد کر دو اور جب لوگوں کے درمیان فیصلہ کرو تو عدل سے کام لو اللہ تم کو نہایت عمدہ نصیحت کرتا ہے۔‘‘
(وَلَا تَقْتُلُوا أَوْلَادَکُمْ خَشْیَۃَ إِمْلَاقٍ نَحْنُ نَرْزُقُہُمْ وَإِیَّاکُمْ إِنَّ قَتْلَہُمْ کَانَ خِطْئًا کَبِیرًاO وَلَا تَقْرَبُوا الزِّنَا إِنَّہُ کَانَ فَاحِشَۃً وَسَاء َ سَبِیلًاO وَلَا تَقْتُلُوا النَّفْسَ الَّتِی حَرَّمَ اللَّہُ إِلَّا بِالْحَقِّ وَمَنْ قُتِلَ مَظْلُومًا فَقَدْ جَعَلْنَا لِوَلِیِّہِ سُلْطَانًا فَلَا یُسْرِفْ فِی الْقَتْلِ إِنَّہُ کَانَ مَنْصُورًا)  (الإسراء33-31)
’’اپنی اولاد کو افلاس کے اندیشے سے قتل نہ کرو ہم انہیں بھی رزق دیں گئے اور تمہیں بھی درحقیقت ان کا قتل ایک بڑی سزا ہے۔ زنا کے قریب نہ جاؤ، وہ بہت برا (فعل ہے) راستہ ۔ قتل نفس کا ارتکاب نہ کرو، جسے اللہ نے حرام کیا ہے مگر حق کے ساتھ اور جو شخص مظلومانہ قتل کیا گیا ہو اس کے ولی کو ہم نے قصاص کے مطالبے کا حق دیا ہے پس چاہے کہ وہ قتل میں حد سے نہ گزرے اس کی مدد کی جائے گی۔‘

اصلاح و تربیت بذریعہ سزا

وعظ و نصیحت اسوۂ و حکمت کے ذریعے تربیت اسلام میں مطلوب اور پسندیدہ ہے یہ وہ ابتدائی اقدام اور مثالی طریقہ ہے جسے اللہ تعالیٰ نے نئے مدنی معاشرے کے لئے پسند فرمایا مگر جب اسوۂ اور وعظ و نصیحت کارگر نہ ہو تو اصلاح کے لئے قطعی علاج لازمی ہو جاتا ہے اور وہ ہے سزا۔
ابتدائی مرحلے میں اسلام ڈراتا ہے کہ ان کاموں سے اللہ تعالیٰ خوش نہیں ہو گا یہ تخویف و تہدید کا بہت ہلکا انداز ہے مثلاً :
( أَلَمْ یَأْنِ لِلَّذِینَ آمَنُوا أَنْ تَخْشَعَ قُلُوبُہُمْ لِذِکْرِ اللَّہِ وَمَا نَزَلَ مِنَ الْحَقِّ وَلَا یَکُونُوا کَالَّذِینَ أُوتُوا الْکِتَابَ مِنْ قَبْلُ فَطَالَ عَلَیْہِمُ الْأَمَدُ فَقَسَتْ قُلُوبُہُمْ وَکَثِیرٌ مِنْہُمْ فَاسِقُونَ ) (الحدید16)
’’کیا ایمان والوں کے لئے ابھی وہ وقت نہیں آیا کہ ان کے دل ذکر الٰہی سے پگھل جائیں اور اس کے نازل کردہ حق کے آگے جھکیں اور وہ ان لوگوں کی طرح نہ ہو جائیں جنہیں پہلے کتاب دی گئی تھی ، پھر ایک لمبی مدت ان پر گزر گئی تو ان کے دل سخت ہو گئے اور آج ان میں اکثر فاسق ہیں ۔‘‘
یہ تہدید کا ایک انداز ہے۔ اگرچہ اہل ایمان کے دلوں پر اس کا گہرا اثر پڑا تھا لیکن اگلے مرحلے میں بصراحت غضب الٰہی سے ڈرایا گیا ہے۔

اخروی سزا

بعد کے مرحلے میں عذاب آخرت سے ڈرایا گیا ہے
 (وَالَّذِینَ لَا یَدْعُونَ مَعَ اللَّہِ إِلَہًا آخَرَ وَلَا یَقْتُلُونَ النَّفْسَ الَّتِی حَرَّمَ اللَّہُ إِلَّا بِالْحَقِّ وَلَا یَزْنُونَ وَمَنْ یَفْعَلْ ذَلِکَ یَلْقَ أَثَامًا Oیُضَاعَفْ لَہُ الْعَذَابُ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ وَیَخْلُدْ فِیہِ مُہَانًا)
(الفرقان68-69)
’’جو اللہ کے سوا کسی اور معبود کو نہیں پکارتے ، اللہ کی حرام کی ہوئی کسی جان کو ناحق ہلاک نہیں کرتے اور نہ زنا کے مرتکب ہوتے ہیں یہ کام جو کوئی کرے گا وہ اپنے گناہ کا بدلہ پائے گا، قیامت کے روز اسی کو مکرر عذاب دیا جائے گا اور وہ اسی میں ہمیشہ ذلت کے ساتھ رہے گا۔‘‘

دنیاوی سزا

قرآن دنیا کے عذاب سے بھی ڈراتا ہے۔
(إِلَّا تَنْفِرُوا یُعَذِّبْکُمْ عَذَابًا أَلِیمًا وَیَسْتَبْدِلْ قَوْمًا غَیْرَکُمْ ) (التوبۃ: 39)
’’تم نہ اٹھو گے تو اللہ تمہیں دردناک عذاب دے گا ، اور تمہاری جگہ کسی اور گروہ کو اٹھائے گا۔‘‘
(إِنَّمَا یُرِیدُ اللَّہُ لِیُعَذِّبَہُمْ بِہَا فِی الْحَیَاۃِ الدُّنْیَا) (التوبۃ: 55)
’’اللہ یہ چاہتا ہے کہ انہی چیزوں کے ذریعے سے ان کو دنیا کی زندگی میں مبتلائے عذاب رکھے۔‘‘

دور نبوی کے اسلامی معاشرے کی خصوصیات

اسلامی تصورات معاشرت انسان کے روحانی اور جسمانی ہر طرح کے تقاضوں اور ضروریات کی تکمیل کا نام ہے کہ جس کے پس منظر میں خالق کائنات کی ہستی کار فرما ہے۔ جو انسان کا خالق بھی ہے اور جس نے خود انسان کو {لقد خلقنا الإنسان فی أحسن تقویم} کے اعلان کے تحت اشرف المخلوقات بنا کر پیدا فرمایا ہے ، اس لئے وہی مالک  و خالق ہی خوب جانتا ہے کہ انسانوں کے لئے حسن معاشرت کا آئین کیا ہے اس لیے کہ اشرف المخلوقات کے لئے بہترین ضابطہ معاشرت کا نفاذ اسی کے ذمہ ہے چنانچہ اسلامی معاشرہ مندرجہ ذیل بنیادی عوامل پر معرض وجود میں آتا ہے۔

۱۔ توحید

معاشرہ کے ہر فرد کے لئے لازم ہے کہ وہ ہر دم اس بات پر پختہ یقین رکھے کہ اس کائنات کا خالق اور معبود ایک اللہ ہے جس کا کوئی ہمسر اور شریک نہیں جو سارے جہانوں کا مقتدر اعلیٰ اور مختار ہے۔

۲۔ اتباع رسولﷺ

توحید کی اسی لازوال قوت کے ساتھ جب تک محبت رسول ﷺ کا مکمل اہتمام نہ ہو گا، اس وقت تک معاشرتی اقدار کی تکمیل ناممکن ہو گی۔ اس لیے توحید باری تعالیٰ کے ساتھ اتباع رسول ﷺ بھی معاشرے کے افراد کے لیے لازمی ہو گا۔

۳۔ فکر آخرت

توحید ورسالت کے بعد تیسرا سب سے بڑا معاشرتی عامل عقیدۂ آخرت ہے جس کی وجہ سے جزاء وسزا پر کامل یقین ہر وقت انسان کو ہوشیار رکھتا ہے اور انسان محاسبے اور مسؤلیت کے خوف سے ہر دم ڈرتا رہتا ہے اور جرم و گناہ یا شروفساد کی جانب مائل ہونے نہیں پاتا بلکہ رضائے الٰہی کے حصول کی خاطر برائیوں سے بچنا ہی اس کے لیے خیر و فلاح کا باعث ہوتا ہے۔

۴۔اظہار رائے

اسلام، انسانی ضمیر کو غیر اللہ کی عباد ت اور اطاعت و فرمانبرداری سے آزاد کراتا ہے۔

۵۔ غریبوں کی کفالت

اسلام دعوت دیتا ہے کہ نفس کو ایسے سانچے میں ڈھالا جائے کہ انسان زندگی اور اس کی مسرتوں اور لذتوں کا غلام بننے کی بجائے انہیں قابو میں رکھے، ان سے لطف اندوز ہونے میں جائز حدود سے آگے نہ بڑھے، وہ حقیر ضروریات سے بلند ہو جائے، آپ اپنے آپ کو قابو میں رکھیں اور عارضی و حقیر مرغوبات کی بجائے ان چیزوں کی طرف لپکیں ، جو بلند تر اور وسیع ترین ہوں ۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے: 
(زُیِّنَ لِلنَّاسِ حُبُّ الشَّہَوَاتِ مِنَ النِّسَاء ِ وَالْبَنِینَ وَالْقَنَاطِیرِ الْـمُـقَـنْـطَـرَۃِ مِنَ الذَّہَبِ وَالْـفِـضَّـۃِ وَالْـخَـیْـلِ الْمُسَوَّمَۃِ وَالْأَنْعَامِ وَالْحَرْثِ ذَلِکَ مَتَاعُ الْحَیَاۃِ الدُّنْیَا وَاللَّہُ عِنْدَہُ حُسْنُ الْمَآبِO قُلْ أَؤُنَبِّئُکُمْ بِخَیْرٍ مِنْ ذَلِکُمْ لِلَّذِینَ اتَّقَوْا عِنْدَ رَبِّہِمْ جَنَّاتٌ تَجْرِی مِنْ تَحْتِہَا الْأَنْہَارُ خَالِدِینَ فِیہَا وَأَزْوَاجٌ مُـطَـہَّـرَۃٌ وَرِضْوَانٌ مِنَ اللَّہِ وَاللَّہُ بَصِیرٌ بِالْعِبَادِ ) (آل عمران14-15)
’’لوگوں کے لئے مرغوب نفس عورتیں ، اولاد ، سونے ، چاندی کے ڈھیر، چیدہ گھوڑے، مویشی اور زرعی زمین بڑی خوش آئندہ بنا دی گئی ہیں مگر یہ سب دنیا کی چندہ روزہ زندگی کا سامان ہیں ، حقیقت میں جو بہتر ٹھکانا ہے وہ تو اللہ کے پاس ہے، کہو کہ میں تمہیں بتاؤں کہ ان سے اچھی کیا چیز ہے؟ جو لوگ تقوی کی روش اختیار کریں ان کے لیے رب کے پاس باغ ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی، وہاں انہیں ہمیشہ کی زندگی حاصل ہو گی، پاکیزہ بیویاں ان کی رفیق ہوں گی اور اللہ کی رضا سے وہ سرفراز ہوں گے، اللہ اپنے بندوں کے روئیے پر گہری نظر رکھتا ہے۔(ماخوذ از سیرت النبی ﷺ اور اصلاح معاشرہ از نگہت رشید بتصرف)
آخر میں رب العزت سے دعا ہے کہ وہ ہمارے معاشرے کو مدنی معاشرہ بنا دے ۔ آمین




ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم اور ہماری ذمہ داریاں 


ام عبداللہ طاہر


’’اﷲ تعالیٰ نے مومنوں پر بڑا احسان کیا کہ جب ان میں انہیں میں سے رسول صلی اللہ علیہ وسلم بھیج دیا جو ان کو قرآن کی آیات پڑھ کر سناتا ہے اور ان کا تزکیہ کرتا ہے۔ اور ان کو کتاب و حکمت کی تعلیم دیتا ہے ۔ اگرچہ اس سے پہلے وہ طاہر گمراہی میں مبتلا تھے۔‘‘
اس آیت سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ اﷲ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد جہاں تمام جہان والوں کے لئے رحمت تھی وہاں اﷲ کا بڑا احسان یہ ہے کہ وہ اپنے ساتھ ایسی نعمتیں بھی لائے جو میرے لئے آخرت میں کامیابیوں کا ذریعہ ہیں ۔ اور وہ چیزیں کیا تھیں جو ہمارے لئے لائے اور پھر اپنے جانے کے بعد بھی ہمارے درمیان چھوڑ گئے۔
وہ کتاب و حکمت کی تعلیم تھی۔ امام شافعی رحمہ اللہ کے نزدیک حکمت سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔وہ تحفہ جو ہمارے لئے لائے اور جو ورثہ ہمارے لئے چھوڑ گئے ہم اس ورثے کے ساتھ کیا سلوک کر رہے ہیں ۔ یہ ہمارے لئے سوچنے کی بات ہے۔
اﷲ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے قرآن پڑھ کر سنایا آج کتنے لوگ ہیں جو اس قرآن کو اس طرح پڑھتے ہیں جیسے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے پڑھ کر سنایا ۔ ہمارے پڑھنے کے انداز کتنے درست ہیں اور اس پر ہماری کتنی توجہ ہے اور نبی صلی اللہ علیہ وسلمنے ہمارا تزکیہ کیا تو ہمارے تزکیہ نفس کا کیا حال ہے؟ ہماری سوچیں کس حد تک اس طریقے کے مطابق ہیں جو نبی صلی اللہ علیہ وسلم لائے ۔ قرآن پاک کے ساتھ تو ہمارا تعلق کسی نہ کسی بہانے سے رہتا ہی ہے اور کچھ نہیں تو کوئی مر جائے یا کوئی خاص موقع آ جائے تو ختم کا اہتمام کر لیتے ہیں ۔ لیکن وہ چیز جسے سنت رسولصلی اللہ علیہ وسلم یا حکمت کہا جاتا ہے اس کے ساتھ ہمارا کیا معاملہ ہے؟ ہم محبت کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن محبوب کی سیرت کو نہیں جانتے کہ انہوں نے دین کے لئے کیا کیا قربانیاں دیں ۔ ہمارا رسول معظم صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک جذباتی تعلق تو ہے لیکن جیسے ایک قلبی تعلق ہونا چاہئے وہ نظر نہیں آتا اور ہم جو مسلمانوں کو زوال کی طرف جاتا دیکھتے ہیں تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ ہم نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے کو چھوڑ دیا ہے۔ دوسری طرف ہم ان صحابہ کرام کو دیکھتے ہیں جنہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کی آپ صلی اللہ علیہ وسلم اتباع کی وہی صحرا میں رہنے والے جن کے پاس علم نہ تھا وہ دنیا کے پیشوا اور امام بن گئے۔ وہ کون سا علم تھا ؟ وہ کون سا فن تھا؟جس نے مسلمانوں کو اتنے عروج تک پہنچایا۔ وہ دراصل نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی لائی ہوئی تعلیمات اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تربیت کا ہی نتیجہ تھا۔
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اس بات کے زیادہ سے زیادہ حریص رہتے تھے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اقتداء کر کے زیادہ سے زیادہ قرب حاصل کریں اس مقصد کے پیش نظر تین صحابی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے گھر گئے انھوں نے پردے کے پیچھے سے ام المومنین سیدہ عائشہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہا سے درخواست کی کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کی اندرون خانہ عبادت و عمل کے بارے میں بتائیے ان کی خواہش تھی کہ ہماری عبادت اور اس کا طریقہ ٹھیک نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے کے عین مطابق ہو جائے۔ ہم بالکل اسی طرح عمل کریں جیسے اﷲ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کرتے تھے۔
ایمان کی نشانی یہ ہے کہ انسان اطاعت و اتباع کے ذریعے اس کا اظہار کرے ۔ اتباع کا امتحان نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں ہی ہو گیا اور اتباع یہی ہے کہ چاہے حکم آئے یا نہ آئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور طرز عمل کو دیکھ کرو ویسا ہی طریقہ اپناتے چلے جانا۔
مثلاً نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے انگوٹھی پہنی تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے بھی پہن لی ۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اتاری تو صحابہ نے بھی اتار دی۔
اسی طرح جب مدینہ تشریف لے گئے تو ۱۶۔۱۷ ماہ تک بیت المقدس کی طرف منہ کر کے نماز پڑھتے رہے۔پھر نماز کی حالت میں حکم آیا اپنا رخ بیت اﷲ کی طرف موڑ لیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی جگہ چھوڑی اور سب سے پچھلی صف کی طرف آ کر کھڑے ہو گئے اور دوسری طرف منہ کر لیا صحابہ کرام نے نہ تو نماز توڑی اور نہ ہی کچھ کہا بلکہ اپنا رخ نماز کی حالت میں ہی بیت اﷲ کی طرف موڑ لیا ۔ اسی کو اتباع کہتے ہیں اور ہمارے لئے یہ بات چھوڑ دی گئی کہ اگر تم اﷲ کی محبت کا دعویٰ کرتے ہو تو محبت کا دعویٰ اس وقت تک سچا نہیں ہوسکتا جب تک نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع نہ کرو۔
آئیے ایک نظر اُن صحابہ کرام پر بھی ڈالتے چلیں جن کے دل محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت سے سرشار تھے۔ مدینہ منورہ میں جب اﷲ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ کے ہاں ٹھہرے، ان کا گھر دو منزلہ تھا انھوں نے نچلی منزل اﷲ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے خالی کر دی اور خود بالاخانے میں تشریف ے گئے ۔ رات کو اچانک ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ کو خیال آیا کہ اﷲ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نیچے ہیں اور ہم ان کے سر کے اوپر چلتے ہیں کہیں یہ بے ادبی نہ ہو۔ چنانچہ یہ خیال آتے ہی وہ اور انکے اہل خانہ نے ساری رات ایک کونے میں گزار دی صبح کے وقت ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کی کہ آپ اوپر تشریف لے آئیں کیونکہ مجھ میں اتنی ہمت نہیں کہ میں اس چھت کے اوپر چڑھوں جس کے نیچے آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف فرما ہوں ۔
٭       جب اﷲ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کھانا تناول فرما لیتے تو باقی بچ جانے والے کھانے میں سے ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ کھانا کھایا کرتے اور پوچھتے کہ اﷲ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے کس جگہ سے کھانا کھایا ہے۔ تاکہ وہ بھی برتن کی خاص اسی جگہ سے کھانا کھائیں ۔
٭       صحابہ کرام رضی اللہ عنہم جس طرح رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کا ادب و احترام کرتے تھے اس کا اظہار کئی طریقوں سے ہوتا تھا ۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم سامنے بیٹھتے تو فرط ادب کی تصویر بن جاتے ۔ احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ صحابہ کرام آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے اس طرح بیٹھتے تھے گویا ان کے سروں پر پرندے بیٹھے ہوئے ہیں ۔ کیونکہ
ادب پہلا قرینہ ہے محبت کے قرینوں میں 
اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک صحبتوں کی یاد آتی ہے تو صحابہ کرام کی آنکھوں سے بے اختیار آنسو جاری ہو جاتے ۔ ایک بار حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ اور حضرت عباسرضی اللہ عنہ انصار کی ایک مجلس میں گئے تو دیکھا کہ سب لوگ رو رہے ہیں ۔سبب پوچھا تو بولے ’’ذَکرنا مَجلِس النبی مِنّا‘‘ ہم کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مجلس کی یاد آ گئی تھی۔(بخاری)
سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں میں کوئی ایسی چیز نہیں چھوڑ سکتا جس پر رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم عمل کیا کرتے تھے۔ کیونکہ مجھے ڈر ہے کہ اگر میں رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کے قول  و فعل میں سے کوئی چیز چھوڑ دوں گا تو گمراہ ہو جاؤں گا۔(بخاری)
گویا صحابہ کرا م رضی اللہ عنہم رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت و فرماں برداری کو ہی اپنی متاع حیات سمجھتے تھے ۔ انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے خالی زبانی کلامی محبت کا دعویٰ نہیں کیا تھا بلکہ انہوں نے اپنے عمل اور سچی تابعداری سے ثابت کر دیا تھا کہ جس کے ساتھ محبت ہوتی ہے اس کی اتباع کی جاتی ہے۔
صحابہ کرام کی محبتیں ہمارے لئے نمونہ ہیں ۔ لیکن آج کے دور میں ہماری محبتیں نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے کیسی ہیں ؟ گانے بجانے کے ساتھ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کے دم بھرے جا رہے ہیں ۔ دنیا میں ہم دیکھتے ہیں جس شخص کو جس سے محبت ہوتی ہے اس کا اٹھنا بیٹھنا اس کے ساتھ ہوتا ہے۔ اس کی چال ڈھال، رنگ ڈھنگ اس کا لباس اس کی ہر چیز ویسی ہی ہو جاتی ہے اور قوم جس قوم سے محبت کرتی ہے سات سمندر پار اس قوم جیسا لباس پہنتی ہے۔ مثلاً جیسے ہم انگریزوں سے محبت کرتے ہے۔ ان کی زبان سے ان کے لباس سے، ان کے اٹھنے بیٹھنے کے اسٹائل سے محبت کرتے ہیں ان کے ہر طریقے پر جانیں وارتے ہیں ، وہاں سے آئی ہوئی چیزوں کو ہم سینوں سے لگاتے ہیں ۔ کیوں ؟ کیوں کہ اسے محبت کہتے ہیں !
ہم اپنی شادی بیاہ کی رسموں کو دیکھ لیں ۔ اپنے مرنے جینے کی رسموں سے لیکر کھانا پینا ، اٹھنا بیٹھنا ، چال ڈھال یہ سب کچھ ہندوانہ کلچر کی نمائندگی ہے اور ہم تمام اس میں ملوث ہیں ۔ لہٰذا اﷲ نے ایک بڑا امتحان رکھ دیا ہے کہ اگر تمہیں مجھ سے محبت کا دعویٰ ہے تو جاؤ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کو دیکھو ان کی تعلیمات پر غور کرو اور ان پر عمل کرو۔
اب سوچنے کی بات ہے کہ ناموس رسالت کے تحفظ کے لئے ایک عورت اپنا کیا کردار ادا کرسکتی ہے ۔ اور یہ ذمہ داری بطریق احسن انجام کیسے دے سکتی ہے۔ جبکہ اگر اس کا دائرہ کار صرف گھر کی چار دیواری ہو اور کہیں اس کی اولاد اس کے پاؤں کی زنجیر بنتی ہو اور شوہر کی اطاعت بھی ضروری ہے۔
لیکن ابھی عورت کے لیے ایک وسیع میدان موجود ہے۔ اور وہ یہ ہے کہ اپنی اولاد کی بہترین پرورش کرے انھیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور سنت سے روشناس کروائے ۔ بچوں کو کہانیاں سننے کا بہت شوق ہوتا ہے۔ اس لیے انہیں سچی کہانیاں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے واقعات سنائیں تو ہم دیکھیں گے کہ خود بخود اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت ان کے دل میں پیدا ہو گی۔
جب ایک بچہ بولنا سیکھتا ہے بات کو سمجھنا سیکھتا ہے تو اسے چھوٹی چھوٹی باتیں سکھانا شروع کر دیں بھلا کیوں نہیں ہو گا کہ جب وہ سمجھ کی عمر کو پہنچے تو اس کا دماغ درست سوچ اور درست راستے پر لگ چکا ہو۔
اور پھر کیا بعید ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں میں سے ہمیں پھر سے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ جیسا عظیم حکمران عطا فرمائے جو اسلام کو پوری دنیا میں زندہ کرے اور اسلام کا پرچم پوری دنیا میں لہرائے۔ آمین ۔ مگر شاید ہم مائیں ہی مجرم ہیں جو اپنی اولاد کے ذہن کی صحیح پرورش ہی نہیں کر پاتیں اور نتیجہ ہمارے سامنے ہے۔   




محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کا فکری انقلاب


پروفیسر یوسف صدیقی
.
انقلاب کا لفظ آج کل اتنا عام ہو گیا ہے کہ ذرا ذرا سی سطحی تبدیلیوں کے لئے بھی اسے استعمال کیا جاتا ہے، ایسی زندگیاں جو نہ زندگی کا رخ بدلتی ہیں ،نہ سوچ کے انداز میں کوئی تغیر لاتی ہیں ،نہ تہذیب و تمدن کے سلسلے میں کسی صحت مندانہ تبدیلی کا اہتمام کرتی ہیں اور جن کے ذریعے سے اگر کوئی شئے جبراً کسی تبدیلی کا شکار ہوتی ہے تو استحکام اور پائیداری کے حوالے سے کوئی قابل ذکر تاریخی اثاثہ نہیں چھوڑتی ۔جبکہ حقیقتاً اگر ہمہ جہتی تبدیلی کا کوئی پائیدار،مستحکم اور لاثانی انقلاب کہیں روئے زمین پر کبھی برپا ہوا ہے تو یہ بات بلا خوف تردید کہی جا سکتی ہے کہ وہ واحد انقلاب وہی ہے جس کے رہنما محمد رسول اللہ ﷺ ہیں ۔اس لئے کہ ان کے لائے ہوئے اس انقلاب نے زندگی کے کسی ایک پہلو میں ہی تبدیلی نہیں کی بلکہ اس کے فکر و عمل کے سارے انداز و اطوار بدل دیے ،بنیادی سوچ بدل دی،عقیدہ تبدیل کر دیا،رسومات ،بندگی سے لے کر معاملات زندگی تک،فرد سے لے کر جماعت تک،خاندان سے لے کر قبیلے تک، معاشرے سے لے کر ریاست تک اور معیشت سے لے کر سیاست تک ہر چیز کو ایسا بدلا کہ اس کی بنیادیں ہی تبدیل کر دیں ۔یہ تبدیلی نہ وقتی تھی اور نہ جزوی بلکہ اتنی ہمہ گیر تھی کہ آج ہمیں تاریخ سے پوچھنا پڑتا ہے کہ اسلام کے لائے ہوئے اس انقلاب سے پہلے انسان اور اس کا اجتماعی نظام کہاں کھڑا تھا۔اور آج اسلام انہی قدروں کو کہاں لے آیا ہے ۔اسلام کے اس انقلاب کا استحکام بھی ایسا ہی حیران کن ہے کہ اس کی پائیداری زندگی پر ایسی حاوی ہوئی کہ بے عملی کی ہزار طوفانی ہوائیں اور وقت کے بےشمار حوادثات بھی اس انقلابی کام کو اپنی منزل سے ہٹا نہیں سکے۔
اسلام کے اس فکری انقلاب کا آغاز اللہ کے رسول ﷺ نے جس مقام سے کیا وہ انسانوں کا وہ مشترکہ سرمایہ ہے جو حضور ﷺ کی آمد سے پہلے بھی لوگوں کے پاس موجود تھا،چاہے اس کا تصور حقیقت سے کتنا ہی دور ہو گیا تھا مگر بہر حال انسانی معاشرے کے پاس اس عقیدے کی صورت میں خالق کائنات کا ایک تصور موجود تھا اور وہ یہ تھا کہ ہمارا ایک بنانے والا ہے مگر اب ہماری زندگی میں اس کا کوئی دخل نہیں ہے ۔اس کو راضی کرنے کے لئے دو چار پرستش کی رسمیں ہر ایک کے پاس موجود تھیں مگر اس کے ایک ہونے ،با اختیار ہونے اور اس کے سامنے جوابدہ ہونے کا تصور مشرک معاشروں میں مفقود ہو گیا تھا اور کتابی معاشروں میں دھند لا گیا تھا اور انسانوں نے اپنی تقدیریں اپنے خود ساختہ معبودوں کے حوالے کر دی تھیں ۔اور صورت حال یہ تھی کہ دنیا میں ذرے سے آفتاب تک اور پانی سے پہاڑ تک ہر چیز خدا بن گئی تھی۔
کہیں معبود تھے پتھر کہیں مسجود شجر
ایسے ماحول میں محمد ﷺ نے اللہ کے ایک ہونے ،اسی کی عبادت کرنے ،اسی سے لو لگانے اور اسی سے اپنی ضرورتوں میں رجوع کرنے کی دعوت کا اعلان فرمایا۔ اسی اللہ کی طرف بلایا جو خالق بھی ہے اور مالک بھی، بادشاہ بھی ہے اور رہنمائی دینے والا بھی۔اسلامی انقلاب کی یہ وہ سب سے پہلی اور بنیادی بات ہے ،جس سے اس انقلاب کے دوسرے اجزا فراہم ہوتے ہیں اور اس کے دو حصے ہیں ایک یہ تصور کے الٰہ ہے اور دوسرا یہ عقیدہ کہ خدا کی ان صفات کا حامل کوئی اور دوسرا نہیں ۔ یہاں یہ بات پھر دہرانے کی ہے کہ دنیا خدا کو مانتی تھی مگر اس صورت میں کہ اللہ ہے ۔مگر حضورﷺ نے جو پیغامات دعوت دیا اس کا امتیازی وصف یہ ہے کہ اللہ ہی ہے یعنی اللہ کے سوا نہ کوئی معبود ہے نہ کوئی مسجود ہے ،نہ رب ہے، نہ الٰہ ،نہ مالک ہے ،نہ بادشاہ اور وہ کسی ایک کا نہیں سب کا ہے۔قرآن نے اس کی وضاحت اپنی دعوت کے آغاز ہی میں کر دی ۔
وَرَبَّکَ فَکَبِّرْ (سورۃ المدثر)
’’آپ اپنے رب کی بڑائی بیان کیجئے۔‘‘
اور وہ رب کیسا ہے۔؟
قُلْ ھُوَاللہُ اَحَدٌ (اخلاص)
’’آپ فرما دیجئے کہ وہ اللہ یکتا ہے۔‘‘
نہ کوئی اس کا شریک ہے نہ اس جیسا۔یہی عقیدہ توحید وہ سارا سرمایہ انقلاب ہے جس نے اسلام کے انقلابی پیغام کو زندگی کے سارے گوشوں پر پھیلایا اور اسی کو قبول کرنے کا نتیجہ تھا کہ انسانی معاشرے میں وہ انقلاب عظیم برپا ہوا جس نے زندگی کے پورے نظام کو بنیادی طور پر تبدیل کر دیا۔
عقیدہ توحید کی طرف حضور ﷺ کی دعوت کئی پہلوؤں سے غور و فکر کے کئی دروازے وا کرتی ہے جن میں سب سے پہلی بات یہ ہے کہ عقیدہ توحید سے دعوت انقلاب کا آغاز اس بات کی دلیل ہے کہ یہ تبدیلی جہاں سے شروع ہو رہی ہے یا انسانوں کا جو معاشرہ داعی توحید کے سامنے ہے ،اس سے نہ کسی مصالحت کی امید ہے نہ کچھ لو اور دو کی بنیاد پر کوئی وقتی تبدیلی لانا مطلوب ہے بلکہ یہ انقلاب پہلی ضرب انسانی عقیدے پر لگا رہا ہے اور عقیدہ آدمی کا سب سے نازک معاملہ ہوتا ہے جس پر کوئی شخص کچھ سننے کے لئے تیار نہیں ہوتا۔ا س نازک معاملے سے دعوت کا آغاز کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ انقلاب برپا کرنے والا حقیقتاً اپنے فلسفہ انقلاب کا خالق نہیں بلکہ وہ کسی اور کا مقرر کردہ با اختیار نمائندہ ہے جو اپنے مالک کی فراہم کردہ دعوت انقلاب کو اسی کی ہدایت و رہنما ئی میں اور اسی کے مقرر کئے ہوئے طریقہ کا ر کے مطابق برپا کرنے کے لئے سعی کر رہا ہے لہٰذا یہیں سے اس فکری انقلاب کی دوسری بنیاد بھی سامنے آ جاتی ہے اور وہ یہ ہے اسلام کا تصور رسالت کہ لوگو،میں کوئی نیا پیغام لایا ہوں نہ کوئی نئی بات کہنے آیا ہوں ،نہ اپنے کام پر تم سے کسی معاوضے کا طلبگار ہوں ،نہ ستائش کا امید وار بلکہ میں تو تمہیں وہی بھولا ہوا سبق یاد دلانے کے لئے آیا ہوں جو زمین پر آنے والے انسان کو دیا گیا تھا اور تسلسل کے ساتھ یاد دلایا جاتا رہا یہاں تک کہ اب اسی کی تکمیلی اور اختتامی یاد دہانی کے لئے میں آ گیا ہوں ۔اور وہ سبق یہ ہے:
يٰٓا أَيُّهَا النَّاسُ اعْبُدُوا رَبَّكُمُ الَّذِي خَلَقَكُمْ وَالَّذِينَ مِنْ قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ
(سورۃ البقرہ:آیت 21)
’’لوگو،اپنے اس رب کی بندگی کرو جس نے تمہیں پیدا کیا اور تم سے پہلے لوگوں کو بھی پیدا کیا تاکہ تم پرہیز گار بن جاؤ ۔‘‘
اس فکری انقلابی دعوت میں ایک پہلو یہ بھی غور طلب ہے کہ یہ انسانوں کو اپنے اعمال کے لئے جوابدہ بھی قرار دیتی ہے اور یہ اس فکری انقلاب کی تیسری بنیاد ہے جسے ہم تصور آخرت سے تعبیر کرتے ہیں یعنی مرنے کے بعد زندہ ہونا ہے اور پھر اپنے سارے اعمال کے لئے اللہ کے سامنے جوابدہ ہونا ہے۔اور جس طرح ہر مظاہر پرست ،سطحی ذہن رکھنے والے آدمی کے لئے اپنے خود ساختہ معبودوں کی فوج ظفر موج کو چھوڑ کر ایک اکیلے خدا پر راضی ہو جانا بڑا مشکل کام تھا۔۔۔اور اسی لئے مشرکین مکہ نے حضور ﷺ کی مخالفت میں اپنا بھرپور زور لگا دیا اور عقیدۂ توحید کے ماننے والوں کے خلاف جبر و ظلم کا ہر ہتھکنڈا بے دریغ استعمال کیا۔اسی طرح کسی مفاد پرست ظالم غاصب اور خائن فرد کے لئے تصور آخرت کو تسلیم کر کے اس کے مطابق اپنے اندر تبدیلی لانا بہت مشکل کام ہے کیونکہ یہ تصور آدمی کو ذمہ دار اور خود احتساب بناتا ہے کہ ان دیکھے خدا کے سامنے حاضری کو حق الیقین اور عین الیقین کی طرح مانے بغیر یہ بات ممکن نہیں کہ کوئی آدمی اپنی حد میں رہے اور جب کوئی نہ دیکھ رہا ہو تب بھی خیانت نہ کرے ۔جب کوئی گواہ نہ ہو تب بھی چوری سے اجتناب کرے،جب کوئی روکنے والا نہ ہو تب بھی دست درازی سے گریزاں ہو۔یہ اسی عقیدے کا خاصہ ہے کہ جس نے اس فکری انقلاب کو ایک ایسا حیران کن منظر اظہار بخشا کہ اسے مان لینے کے بعد انسانی معاشرہ عظمت کردار کے اس مقام پر آ گیا جہاں لوگوں نے خود اپنے آپ کو ،اگر کبھی ان سے جرم سرزد ہو گیا ،سزا کے لئے پیش کر دیا۔
رسول اللہ ﷺ کا لایا ہوا یہ انقلاب عظیم اپنی ان فکری بنیادوں پر با شعور انسانوں کا بلا جبر و اکراہ ،رضاکارانہ طور پر قبول کیا ہو اور وہ انقلاب ہے جس نے تیئس سال میں ان کی زندگی کے پورے نظام کو اس طرح بدل دیا کہ اس میں ان کے عہد جہالت یعنی ماضی کا کوئی شائبہ بھی باقی نہ رہا ۔ہزاروں بتوں کو عبادت گاہوں سے لے کر دلوں کی فضاؤں تک سے ایسا دیس نکالا کہ پھر بت خانے اپنی ویرانی کا نوحہ پڑھنے کو بھی باقی نہ رہے۔اور انسانی معاشرے ،اونچ نیچ ،ادنیٰ و اعلیٰ ،گورے اور کالے ،شرقی و غربی کے سارے خود ساختہ اضافی امتیازات سے ایسے پاک ہوئے کہ :
ایک ہی صف میں کھڑے ہو گئے محمود و ایاز
نہ کوئی بندہ رہا اور نہ کوئی بندہ نواز
یہ انقلاب ایسا عجیب و غریب انقلاب ہے کہ جو صدیوں  سے زندہ و تابندہ بھی ہے ،مستحکم بھی ہے اور رواں دواں بھی۔اگر کہیں کوئی تعطل آتا ہے تو محض وقتی طور پر،کوئی خرابی نظر آتی ہے تو عارضی ہے ،کوئی رکاوٹ سدراہ ہوتی ہے تو ذرا قوت سعی کو مہمیز کرنے کے لئے اور اپنی صفوں کو دوبارہ منظّم کرنے کے لئے اور اس انقلاب کو ماننے والے،اسے لے کر چلنے والے اس پہلی جماعت صحابہؓ سے لے کر آج تک کبھی اپنی راہ انقلاب سے ہٹے نہیں ہیں ،اگر چہ کبھی کبھی رک ضرور گئے ہیں ،کچھ تعطل کے وقفے بھی آئے ہیں مگر ان کی ایسی ہی صورت ہے کہ جیسے صورت خورشید جینے والوں کی۔
ادھر ڈوبے ادھر نکلے   ادھر ڈوبے ادھر نکلے
یہ انقلاب ہمہ جہت بھی ہے اور ہمہ عہد بھی ۔لہٰذا زندگی کے ہر گوشے پر اس کی برکات سایہ فگن ہیں اور ہر عہد کے لوگوں کو اپنے قافلہ انقلاب میں شامل کرتے ہوئے یہ انقلاب اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے ۔ماضی کی صدیاں اس کے نور سے جگمگا رہی ہیں ۔ حال کی اضطرابی کیفیتیں اس کے آغوش سکون میں اپنے لئے جگہ پانے کی منتظر ہیں اور مستقبل کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ کار نہیں کہ سارے وقتی اور جزوی انقلابات سے دست بردار ہو کر اس کے سایہ رحمت میں آ جائے اور دنیا ایک بار پھر جبر و ظلم سے نجات پائے ،انسانوں کی گردنوں سے انسانوں کی غلامی کے طوق اتر جائیں ،اللہ کے بندے اللہ سے تعلق کی بنیاد پر اپنے دلوں کی دنیا پرسکون بنا کر عدل و انصاف کا علم اُٹھائے رضائے الٰہی کی خاطر اپنا پیغام انقلاب لے کر اُٹھیں اور سب کے لئے اللہ کی رحمتوں کے دروازے اللہ کے حکم سے وا کر دیں ۔
٭٭٭

ماخذ:
ماخذ: جریدہ ’الواقعہ‘ اور ’اسوۂ حسنہ‘
http://alwaqiamagzine.wordpress.com
http://uswah.org
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
