﻿



سیرت النبیﷺ
ولادت تا نبوت




امان اللہ فیصل/ مشتاق احمد شاکر 






رسول اکرمﷺ کی ولادت با سعادت

رسول اکرمﷺ کہ مکرمہ کے مقام شعبِ بنی ہاشم میں عام الفیل (عربی میں فیل ہاتھی کو کہتے ہیں یعنی وہ سال جس میں ابرہہ (کافر) نے ہاتھیوں پر مشتمل ایک بہت بڑا لشکر لے کر مکہ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی) 9 ربیع الاول بمطابق 22 اپریل 571؁ عیسوی، موسم بہار میں پیر کے دن صبح کے وقت پیدا ہوئے۔آپﷺ اکثر پیر کا روزہ رکھا کرتے تھے۔ ایک صحابی رضی اللہ عنہ نے آپﷺ سے پیر کے دن روزہ رکھنے سے متعلق سوال کیا تو آپﷺ نے فرمایا:۔ ’’ پیر کے دن میری ولادت ہوئی تھی اور اسی دن مجھ پر نزولِ وحی کی ابتدا ہوئی تھی۔ ‘‘
(مسلم۔ عن ابن عباس رضی اللہ عنہما )
آپﷺ کی والدہ محترمہ کا نام آمنہ بنت وہب تھا۔ آپﷺ کے والد محترم جناب عبد اﷲ بن عبدالمطلب آپﷺ کی پیدائش سے پہلے ہی وفات پا چکے تھے۔ آپﷺ کی پیدائش کے وقت دایہ کے فرائض سیدنا عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ کی والدہ شفا بنت عمرو نے انجام دئیے۔ جب آپﷺ پیدا ہوئے تو آپﷺ کی والدہ نے خواب میں دیکھا کہ ان کے جسم سے ایک ایسا نور نکلا ہے جس سے ملک شام کے محلات روشن ہو گئے ہیں۔  (مسند احمد)
آپﷺ کی ولادت کے بعد آپﷺ کی والدہ نے جناب عبدالمطلب کو ان کے پوتے کی خوشخبری بھجوائی تو وہ بہت زیادہ خوش ہوئے اور آپﷺ کو اٹھا کر خانہ کعبہ میں لے گئے، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور آپﷺ کے بارے اللہ تعالیٰ سے خوب دعائیں کیں اور آپﷺ کا نام محمد (ﷺ ) رکھا، اس امید پر کہ آپﷺ کی تعریف کی جائے گی۔ آپﷺ کی ولادت سے لے کر آج تک تمام آسمان و زمین والے آپﷺ کی تعریف کرتے ہیں اور قیامت تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ (ان شاء اللّٰہ العزیز)
جناب عبدالمطلب نے آپﷺ کی پیدائش کے ساتویں دن عرب کے دستور کے مطابق آپﷺ کا ختنہ اور عقیقہ کیا اور عقیقہ کی دعوت میں قبیلہ والوں کو مدعو کیا۔ دعوت میں شریک ہونے والے لوگوں نے جب عبدالمطلب سے پوتے کے نام کے بارے پوچھا تو جناب عبدالمطلب نے جواب دیا:- ’’میں نے ان کا نام محمد (ﷺ ) رکھا ہے اور مجھے ہر طرف سے اس نام کی گونج سنائی دے رہی ہے۔‘‘ (بیہقی)

رسول کریمﷺ کی رضاعت (دودھ پلانے) کے حالات

آپﷺ کو آپ کی والدہ کے بعد سب سے پہلے آپﷺ کے چچا ابو لہب کی کنیز سیدنا ثُوَیْبَہ رضی اللہ عنہا نے دودھ پلایا، ان کے بعد سیدہ حلیمہ رضی اللہ عنہا نے دودھ پلایا۔
عرب کے شہری باشندوں کا دستور تھا کہ وہ اپنے بچوں کو اچھی آب و ہوا کی خاطر دودھ پلانے والی دیہاتی عورتوں کے سپردکر دیا کرتے تھے تاکہ ان کے جسم طاقتور اور اعصاب مضبوط ہوں اور وہ خالص عربی زبان سیکھ سکیں۔  اسی دستور کے مطابق آپﷺ کو بھی سیدہ حلیمہ بنت ابی ذُوَیْب رضی اللہ عنہا (جن کا تعلق قبیلہ بنو سعد سے تھا) کے سپرد کیا گیا۔ ان کے شوہر کا نام حارث بن عبدا لعُزیٰ اور کنیت ابو کبشہ تھی۔ اس طرح حارث کے بچے اور بچیاں آپﷺ کے رضاعی بہن بھائی ہوئے۔ جن کے نام یہ ہیں عبداللہ، ا نیسہ اور حذافہ(ان کا لقب شیما تھا) یہ آپﷺ کو گود میں کھلایا کرتی تھیں۔  رضاعت کے دوران حلیمہ رضی اللہ عنہا نے آپﷺ کی برکت کے ایسے ایسے مناظر دیکھے کہ وہ حیرت زدہ رہ گئیں۔  آپ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ قحط سالی کے دنوں میں ہمارے پاس ایک کمزور گدھی تھی جس سے تیز چلا نہیں جاتا تھا اور ایک اونٹی تھی جو بہت ہی کم دودھ دیتی تھی۔ میرے ہاں بھی غربت کی و جہ سے دودھ بہت کم آتا تھا جس کی وجہ سے میرا بچہ بے قراری سے بلکتا اور روتا رہتا تھا۔ جب میں آہستہ آہستہ چلتی ہوئی مکہ پہنچی تو میرے ساتھ روانہ ہونے والی عورتیں مجھ سے پہلے مکہ پہنچ کر دودھ پلانے کے لئے نومولود بچے حاصل کر چکی تھیں۔  مجھے پتا چلا کہ اب ایک ہی نومولود بچہ باقی ہے اور وہ بھی یتیم ہے۔ میں نے اسے غنیمت سمجھ کر لینے کا ارادہ کر لیا۔ جب میں نے جا کر اس بچہ کو دیکھا تو وہ اتنا خوبصورت لگا کہ اس جیسا بچہ میں نے پہلے کبھی دیکھا ہی نہیں تھا۔ میں نے اسے گود میں لیا اور جیسے ہی میں نے اسے اپنے سینہ سے لگایا تو مجھے اتنا سکون ملا جس کا بیان کرنا مشکل ہے۔جب میں آپ(ﷺ ) کو لے کر واپس لوٹی تو وہ میری کمزور سی گدھی اتنی تیز چلنے لگی کہ پورے قافلہ سے آگے نکل گئی اور کوئی بھی سواری اس کا مقابلہ نہ کر سکی۔ میرے شوہر نے جب اونٹنی کے تھنوں کو ہاتھ لگایا تو وہ بھی دودھ سے بھرے ہوئے تھے۔ میرے سینہ میں بھی اتنا دودھ بھر گیا کہ آپﷺ نے بھی خوب پیٹ بھر کر پیا اور میرے دوسرے بیٹے نے بھی جی بھر کر پیا۔ آپﷺ کو گھر میں لانے کے بعد میری بکریوں نے بھی بہت زیادہ دودھ دینا شروع کر دیا جو کسی معجزہ سے کم نہیں تھا۔ سیدہ حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا کی پرورش میں آپﷺ نے جب دو سال گزار لئے تو وہ آپﷺ کو آپﷺ کی والدہ کے سپرد کرنے کے لئے اس حال میں گھر سے روانہ ہوئیں کہ آپﷺ کی جدائی کے غم سے اُن کی آنکھوں سے آنسو جاری تھے۔ نبی کریمﷺ کی والدہ محترمہ آمنہ بنت وہب نے جب ان کی یہ حالت دیکھی تو پوچھا: کیا تم میرے بچہ کو کچھ دن اور اپنے پاس رکھنا چاہتی ہو؟ سیدہ حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا نے عرض کیا :’’ جی ہاں ‘‘ اگر آپ کچھ مزید عرصہ انہیں میرے پاس رہنے دیں تو آپ کی مہربانی ہو گی۔ میری اس درخواست پر انہوں نے خوشی سے مجھے اس کی اجازت دے دی۔
سیدہ حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ آپﷺ کی پہلی مرتبہ آمد ہی سے میرے گھر میں اللہ تعالیٰ کی برکتوں کا نزول تھا، اب نبی کریمﷺ کے دوبارہ تشریف لانے سے میرا گھر خیر وبرکات کے اعتبار سے تمام قبیلہ والوں کے لئے توجہ کا مرکز بن گیا۔ آپﷺ زید دو سال تک حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا کے پاس رہے۔
سیدہ حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا کے رضاعی ماں ہونے کی وجہ سے آپﷺ ہمیشہ ان کے قبیلہ والوں کا ہر طرح سے خیال رکھتے۔ غزوۂ حنین کے موقع پر جب حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا کے قبیلہ کے کچھ لوگ گرفتار کر کے آپﷺ کے پاس لائے گئے تو آپﷺ نے ان کے ساتھ حسن سلوک کرتے ہوئے انہیں رہا فرما دیا۔

واقعہ شق صدر  (آپﷺ کا سینہ مبارک چاک کیا جانا)

رسول اکرمﷺ کا پوری زندگی میں دو مرتبہ سینہ مبارک چاک کیا گیا۔پہلی مرتبہ جب آپ حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا کی زیر تربیت پانچ سال کی عمر کو پہنچے اور دوسری مرتبہ معراج کے موقع پر۔
آپﷺ جب پانچ سال کی عمر کو پہنچے تو ایک دن اپنے ہم عمر بچوں کے ساتھ کھیل میں مصروف تھے کہ جبرائیل علیہ السلام تشریف لائے اور انہوں نے آپﷺ کو لٹا کر آپﷺ کا سینہ مبارک چاک کیا، آپﷺ کا دل مبارک نکالا اور اس میں سے گوشت کا ایک لو تھڑا نکال کر فرمایا: یہ ٹکڑا شیطان کا حصّہ تھا جو باہر نکال دیا گیا ہے۔ پھر انہوں نے آپﷺ کے دل مبارک کو سونے کے طشت میں زم زم کے پانی سے دھو کر اس کی جگہ پر رکھ کر سی دیا۔ ادھر سارے بچے دوڑ کر آپﷺ کی رضاعی ماں سیدہ حلیمہ رضی اللہ عنہا کے پاس پہنچے اور کہنے لگے: محمد (ﷺ ) کو قتل کر دیا گیا ہے۔ حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا اور ان کے گھر کے لوگ فوراً آپﷺ کے پاس پہنچے تو دیکھا آپﷺ کا چہرہ مبارک اترا ہوا تھا (پھر سیدہ حلیمہ رضی اللہ عنہا آپﷺ کو لے کر گھر تشریف لے آئیں ) سیدنا انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں :- ’’میں (واقعہ شقِ صدر کے بعد) آپﷺ کے سینہ پر سلائی کا نشان دیکھا کرتا تھا۔‘‘ (مسلم۔ عن انس رضی اللہ عنہ)
{نوٹ:دوسری مرتبہ شق صدر کی تفصیل کے لئے پڑھئے ’’آپﷺ کا سفر معراج‘‘}

رسول اکرمﷺ اپنی والدہ محترمہ کی تربیت میں 

واقعہ شقِ صدر (سینہ کو چاک کئے جانے) کے بعد حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا کو آپﷺ کے بارے خطرہ محسوس ہوا۔ انہوں نے اس واقعہ کے بعد آپﷺ کو آپ کی والدہ محترمہ (آمنہ بنت وہب) کے پاس مکہ پہنچا دیا اور آپﷺ نے اپنی والدہ محترمہ کے سایہ محبت میں تقریباً دو سال گزارے پھر وہ (آمنہ)آپﷺ ،  اپنی خادمہ امّ ایمن اور اپنے سرپرست جناب عبدالمطلب کے ساتھ یثرب(مدینہ) تشریف لے گئیں جہاں آپﷺ کا ننھیال اور آپﷺ کے والد محترم کی قبر تھی۔ یثرب میں ایک ماہ رہ کر واپس مکہ آ رہی تھیں،  راستہ میں بیمار ہو گئیں اور ’’ا بواء‘‘ (جگہ کا نام) پہنچ کر وفات پا گئیں اور انہیں وہیں دفن کر دیا گیا۔

نبی کریمﷺ اپنے دادا محترم کی کفالت میں 

آپﷺ کی والدہ محترمہ کی وفات کے بعد آپﷺ کے دادا جناب عبدالمطلب آپﷺ کو لے کر مکہ مکرمہ تشریف لائے۔ آپﷺ کے دادا آپﷺ کی بڑی قدر کیا کرتے تھے۔وہ آپﷺ کو اپنی اولاد سے بھی بڑھ کر چاہتے اور آپﷺ کی خوب عزت کیا کرتے تھے۔ ان کی ایک خاص مسند (بیٹھنے کی جگہ) تھی جس پر ان (عبد المطلب)کے علاوہ کوئی دوسرا نہیں بیٹھ سکتا تھا لیکن وہ اپنی مسند پر آپﷺ کو بٹھاتے،  آپﷺ کی پیٹھ پر ہاتھ پھیرتے اور آپﷺ کو دیکھ کر بہت زیادہ خوشی کا اظہار کیا کرتے تھے۔ ابھی آپﷺ کی عمر آٹھ سال اور دو ماہ ہی ہوئی تھی کہ آپﷺ کے دادا بھی وفات پا گئے۔

آپﷺ اپنے چچا محترم کی کفالت میں 

آپﷺ کے دادا محترم وفات سے پہلے یہ وصیت کر کے گئے تھے کہ میرے بعد میرے اس پوتے (محمدﷺ ) کی کفالت ان کے چچا ابو طالب کریں۔  چنانچہ جناب عبدالمطلب کی وصیت کے مطابق جناب ابوطالب نے آپﷺ کی کفالت کی ذمہ داری قبول کی۔ جناب ابو طالب آپﷺ کے والد محترم کے سگے بھائی تھے۔وہ آپﷺ سے بہت زیادہ محبت کرتے اور آپﷺ کو اپنے بچوں سے بھی زیادہ چاہتے تھے۔ وہ بہت زیادہ مالدار نہیں تھے لیکن آپﷺ کی کفالت کی ذمہ داری اٹھانے کے بعد اللہ ربّ ا لعزّت نے ان کے تھوڑے سے مال میں خوب برکت پیدا فرما دی تھی اور ان کا تھوڑا سا مال ان کے پورے کنبہ کے لئے کافی ہو جاتا تھا۔

بحیرہ راہب کی آپﷺ کی نبوت کے لئے پیشین گوئی

آپﷺ اپنے چچا ابو طالب کی کفالت میں جب بارہ سال کی عمر کو پہنچے تو جناب ابو طالب نے تجارت کے لئے ملک شام جانے کا ارادہ کیا اور اس سفر میں آپﷺ کو بھی اپنے ساتھ لے لیا۔ بصرہ شہر کے قریب ایک بحیرہ راہب (پادری) رہتا تھا (جس کا نام جرجیس اور لقب بحیرہ تھا)۔ وہ اپنے گرجا سے باہر نکل آیا اور اس قافلہ کی میزبانی کی۔ اس راہب نے آپﷺ کے سر پر بادل کو سایہ کرتے ہوئے دیکھ کر آپﷺ کے چچا اور قافلہ والوں کو بتایا کہ یہ دونوں جہاں کے سردار ہیں اور اللہ تعالیٰ انہیں رحمت عالم بنا کر بھیجیں گے۔ جناب ابو طالب نے اس سے پوچھا کہ آپ کو یہ کیسے معلوم ہوا؟ اس نے جواب دیا: جب تم لوگ اس طرف آ رہے تھے تو کوئی بھی درخت یا پتھر ایسا نہیں تھا جو انہیں سجدہ کرنے کے لئے نہ جھکا ہو۔ یہ چیزیں نبی کے علاوہ کسی اور کو سجدہ نہیں کرتیں اور میں انہیں مہر نبوت سے بھی پہچان گیا ہوں اور ان کی صفات ہماری آسمانی کتب (تورات اور انجیل) میں بھی موجود ہیں۔ قافلہ کی مہمان نوازی کے بعد بحیرہ راہب نے جناب ابوطالب سے کہا کہ آپ انہیں ملک شام لے کر نہ جائیں کیوں کہ وہاں انہیں یہود سے بہت زیادہ خطرہ ہے۔ چنانچہ جناب ابو طالب نے آپﷺ کو اپنے چند غلاموں کے ساتھ مکہ مکرمہ واپس بھیج دیا۔ (ترمذی۔عن ابی موسیٰ رضی اللہ عنہ )

جنگِ فجار اور حلف ا لفضول (معاہدہ) کا بیان

جب آپﷺ کی عمر مبارک بیس سال ہوئی تو ذو القعدۃ کے مہینہ میں عکاظ (مقام)میں ایک جنگ ہوئی جس میں ایک طرف قریش اور کنانہ کے قبائل اور دوسری طرف قیس اور غیلان کے قبائل تھے۔ اس جنگ میں پہلے قیس کا پلہ بھاری تھا لیکن بعد میں قریش کا پلہ بھاری ہو گیا۔ اس میں بہت سے لوگ ہلاک ہو گئے لیکن بعد میں دونوں نے صلح کر لی اور جس گروہ کے زیادہ مقتول تھے، انہیں دوسرے گروہ نے ان مقتولوں کی دیت ادا کی۔ اس جنگ میں آپﷺ بھی اپنے چچاؤں کے ساتھ شریک ہوئے اور انہیں تیر اٹھا اٹھا کر پکڑا رہے تھے۔ اس جنگ کو جنگِ فجار کہنے کی و جہ یہ ہے کہ اس میں حرم اور حرمت والے مہینہ(ذو القعدۃ) کی حرمت پامال کی گئی تھی جو ایک گناہ کا عمل تھا۔ اس جنگ کے فوراً بعد ذو القعدۃ کے مہینہ میں ہی قریش کے پانچ قبائل کے درمیان ایک امن معاہدہ طے پایا جسے حلف الفضول کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ وہ پانچ قبائل یہ تھے: بنو ہاشم، بنو مطلّب، بنو اسد، بنو زہرہ اور بنو تمیم۔ اس معاہدہ کی وجہ یہ تھی کہ یمن کا ایک ز بید نامی آدمی سامانِ تجارت لے کر مکہ آیا۔ عاص بن وائل نے اس سے سامان خرید لیا لیکن قیمت ادا نہ کی۔ اس آدمی نے مختلف قبائل سے مدد کی درخواست کی لیکن انہوں نے اس پر کوئی توجہ نہ دی۔ چنانچہ اس نے ابو قبیس پہاڑ پر چڑھ کر اپنی مظلومیت کے لئے آواز بلند کی اور لوگوں سے درخواست کی کہ اس کا حق دلانے کے لئے اس کی مدد کی جائے۔ اس کی آواز سن کر زبیر بن مطلب نے لوگوں میں اصلاح کی تحریک شروع کی۔ آپﷺ بھی اس کے ساتھ اس مہم میں شریک ہو گئے۔ ان تمام قبائل کے سردار قبیلہ بنو تمیم کے سردار عبداللہ بن جَدعان کے گھر میں اکٹھے ہوئے اور سب نے مل کر یہ معاہدہ کیا کہ آج کے بعد مکہ میں کسی کا ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا، ہر مظلوم کی مدد کی جائے گی اور ظالم کو سزا دی جائے گی۔ چنانچہ اس معاہدہ کے بعد عاص بن وائل سے زبیدی کا حق لے کر اس کے حوالے کیا گیا۔ رسول اکرمﷺ نے فرمایا :۔ ’’میں عبداللہ بن جدعان کے مکان میں ایک ایسے معاہدہ (حلف الفضول) میں شریک ہوا کہ مجھے اس (شرکت معاہدہ)کے بدلہ میں سرخ اونٹ (قیمتی سے قیمتی چیز) بھی پسند نہیں اور اگر دورِ اسلام میں بھی مجھے ایسے معاہدہ کے لئے بلایا جائے تو میں یقیناً اسے قبول کروں گا۔‘‘ (بیہقی۔عن جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہما )
{نوٹ : اسے ’’حلف الفضول‘‘ کہنے کی و جہ یہ ہے کہ جن باتوں پر یہ معاہدہ ہو ا وہ تمام باتیں فضیلت والی تھیں }

آپﷺ کا تجارتی سفر اور سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا سے نکاح

نبی کریمﷺ جب جوان ہوئے تو تجارت کی طرف رجحان بڑھا لیکن آپﷺ کے پاس اتنی رقم نہ تھی کہ تجارت کر سکیں۔  مکہ کے نہایت شریف خاندان کی مال دار بیوہ خاتون سیدہ خدیجہ بنت خویلد رضی اللہ عنہا کو جب آپﷺ کی صداقت، دیانت،امانت اور خوش اخلاقی کا علم ہوا تو انہوں نے آپﷺ کی خوبیوں سے متاثر ہو کر درخواست کی کہ آپﷺ ان کی رقم سے تجارت کریں اور انہوں نے یہ پیشکش بھی کی کہ وہ آپﷺ کو دوسروں سے بڑھ کر اُجرت دیں گی۔ خدیجہ رضی اللہ عنہا نے اس سفر کے دوران اپنا غلام میسرہ بھی بھیجا۔ آپﷺ جب ان کا مال لے کر تجارت کرنے شام گئے تو اس تجارت میں بہت نفع ہوا۔ آپﷺ جب واپس مکہ تشریف لائے تو سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا نے اپنے مال میں ایسی برکت دیکھی جو پہلے کبھی نہ دیکھی تھی۔ یہ دیکھتے ہی وہ حیران رہ گئیں اور ان کے غلام میسرہ نے بھی آپﷺ کی عمدہ صفات کے بارے میں خدیجہ رضی اللہ عنہا کو آگاہ کیاجس سے متاثر ہو کر انہوں نے اپنی ایک سہیلی (نفیسہ بنت منبہ) کو بھیج کر آپﷺ کو نکاح کی پیشکش کی۔ آپﷺ نے ان کی اس خواہش کا اپنے چچاؤں کے سامنے اظہار کیا۔ آپﷺ کے چچا سیدنا حمزہ رضی اللہ عنہ اس رشتہ کا پیغام لے کر سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کے چچا عمرو بن اسد کے پاس گئے جسے انہوں نے بخوشی قبول کیا اور اس کے بعدسیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کا نکاح آپﷺ سے کرا دیا۔نکاح کے وقت آپﷺ کی عمر 25 سال جبکہ سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی عمر 40 سال تھی۔ سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا 65سال کی عمر میں فوت ہوئیں۔  سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کی وفات کے وقت آپﷺ کی عمر 50 سال تھی۔ یعنی آپﷺ نے اپنی بھرپور جوانی کے 25 سال صرف ایک بیوہ عورت کے ساتھ گزار دیئے۔ یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ آپﷺ نے آخری عمر میں جو شادیاں کیں وہ دینی مصلحت کے تحت کیں نہ کہ اپنی ذاتی خواہش کی تکمیل کے لئے۔ آپﷺ کی تمام اولاد (سوائے ابراہیم رضی اللہ عنہ جو ماریہ رضی اللہ عنہا سے پیدا ہوئے) سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا سے ہی تھی۔ جن میں پہلے قاسم پھر زینب پھر رقیہ پھر اُم کلثوم پھر فاطمہ پھر عبداللہ رضی اللہ عنہم (جن کا لقب طیب و طاہر تھا، انہی کی وفات کے موقع پر سورۂ کوثر 108 کا نزول ہوا) پیدا ہوئے۔ آپﷺ کے تمام بیٹے بچپن ہی میں فوت ہو گئے البتہ تمام بیٹیوں نے عہد نبوت پایا،  وہ اسلام لائیں اور ہجرت بھی کی اور وہ سب آپﷺ کی زندگی میں ہی فوت ہو گئیں سوائے سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کے جو آپﷺ کے بعد چھ ماہ زندہ رہیں۔  (سیرت النبیﷺ ۔  ابن ہشام رحمہ اللہ )

بیت اللہ کی تعمیر اور حجراسود کی تنصیب میں جھگڑے کا فیصلہ

فرمان الٰہی ہے :
(ترجمہ)’’بے شک اللہ (تعالیٰ) کا پہلا گھر جو لوگوں کے لئے (بطور قبلہ) مقرر کیا گیا وہی ہے جو مکہ میں ہے جو پوری کائنات کے لئے برکت و ہدایت والا ہے۔ جس میں واضح نشانیاں ہیں اور مقام ابراہیم ہے۔ اس میں داخل ہونے والا امن میں ہو جاتا ہے۔ اللہ نے ان لوگوں پر جو اس کی طرف سفر کرنے کی طاقت رکھتے ہوں اس گھر (بیت اللہ) کا حج فرض کر دیا ہے اور جو کوئی کفر (انکار) کرے تو بے شک اللہ (اس سے بلکہ)تمام دنیا والوں سے بے پرواہ ہے۔‘‘ ( اٰلِ عمران 96 تا 97)
جب آپﷺ کی عمر مبارک 35 سال ہوئی تو ایک زوردار سیلاب آیاجس سے بیت اللہ کی دیواریں پھٹ گئیں اس لئے قریش مجبور ہو گئے کہ بیت اللہ کا مقام و مرتبہ برقرار رکھنے کے لئے اسے ازسرنو تعمیر کریں۔  اس موقع پر انہوں نے یہ متفقہ فیصلہ کیا کہ خانہ کعبہ کی تعمیر میں صرف حلال مال ہی استعمال کریں گے۔ زانیہ کی اجرت، سود کی آمدنی اور کسی سے ناحق لیا ہوا مال استعمال نہیں کریں گے۔ جب حلال مال اکٹھا کیا گیا تو وہ مال اتنا نہیں تھا کہ جس سے بیت اللہ کو اس کی اصل بنیادوں پر ازسر نو تعمیر کیا جا سکے لہٰذا انہوں نے مال کی کمی کی وجہ سے شمال کی طرف سے کچھ حصّہ کو تعمیر میں شامل نہیں کیا بلکہ اس پر ایک چھوٹی سی دیوار اٹھا کر چھوڑ دی۔ یہی ٹکڑا حطیم اور حجر کہلاتا ہے۔ جب خانہ کعبہ کی عمارت حجر اسود تک بلند ہو چکی تو حجر اسود کو اس کی جگہ پر نصب کرنے کے بارے میں قریش کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔ ہر قبیلہ کے سردار نے چاہا کہ حجر اسود کو نصب کرنے کا شرف اسے حاصل ہو۔یہ جھگڑا پانچ دن تک چلتا رہا اور اس قدر شدت اختیار کر گیا کہ قریب تھا کہ حرم میں خون خرابہ ہو جاتا۔ اتنے میں ایک عمر رسیدہ شخص ابو امیہ مخزومی نے یہ تجویز پیش کی کہ صبح مسجد حرام کے دروازہ سے جو شخص سب سے پہلے داخل ہو اسے منصف (فیصلہ کرنے والا) مان لیں۔  سب لوگوں نے یہ تجویز منظور کر لی۔ اﷲ تعالیٰ کی مرضی کہ سب سے پہلے آپﷺ سجد حرام میں داخل ہوئے۔ لوگ آپﷺ کو دیکھتے ہی پکار اُٹھے۔
ھٰذَا الْاَمِیْنُ رَضِیْنَاہُ ھٰذَا مُحَمَّدٌ (ﷺ )
’’یہ امین محمد(ﷺ )ہیں،  ہم ان سے راضی ہیں۔ ‘‘
آپﷺ کو معاملہ کی تفصیل بتائی گئی تو آپﷺ نے ایک چادر منگوائی جس میں اپنے دست مبارک سے حجر اسود کو رکھا اور تمام قبائل کے سرداروں سے کہا: تم لوگ اس چادر کو کناروں سے پکڑکر اسے حجر اسود کے مقام تک لے چلو۔ جب وہ وہاں لے گئے تو آپﷺ نے اپنے دست مبارک سے حجر اسود کو اٹھا کر اس کی مقررہ جگہ پر نصب فرما دیا۔یہ اتنا عمدہ فیصلہ تھا کہ جس پر تمام لوگ راضی ہو گئے۔ بیت اللہ کی تعمیر کے وقت قریش نے اس کا دروازہ تقریباً دو میٹر اونچا رکھا تاکہ کوئی بھی شخص ان کی اجازت کے بغیر بیت اللہ میں داخل نہ ہو سکے۔
نبی اکرمﷺ نبوت سے پہلے بچپن ہی سے عمدہ صفات کے حامل تھے اور آپﷺ کی زندگی بھی نبوت ملنے سے پہلے ہی تمام برائیوں سے پاک تھی۔ آپﷺ تمام لوگوں سے حسن سلوک سے پیش آتے تھے، غریبوں کا بوجھ اٹھاتے اور مہمانوں کی خوب مہمان نوازی کرتے اور کبھی وعدہ خلافی نہ کیا کرتے تھے۔ (بخاری) آپﷺ کا وجود ان تمام خوبیوں اور کمالات کا جامع تھا جو متفرق طور پر لوگوں میں پائے جاتے ہیں۔  آپﷺ بچپن ہی سے صحیح سوچ، دوربینی اور حق پسندی کے بلند معیار پر فائز تھے۔ آپﷺ نے اپنی عمدہ عقل اور روشن فطرت سے لوگوں کے معاملات اور جماعتوں کے احوال کا مطالعہ کیا اور وہ جن بیہودہ باتوں میں مشغول تھے ان سے بیزاری کا اظہار کیا۔ جب قوم میں برائیاں عام تھیں اس وقت بھی آپﷺ نے اپنے آپ کو ہر قسم کی برائیوں سے دور رکھا۔ آپﷺ نے پوری بصیرت کے ساتھ لوگوں کے درمیان عملی زندگی کا وقت گزارا۔ جو کام اچھا ہوتا آپﷺ اس میں شرکت فرماتے اور ہر برے کام سے دور رہتے تھے۔ آپﷺ نے نہ تو کبھی آستانوں کا ذبیحہ کھایا اور نہ ہی غیر اللہ کے لئے منعقد کئے گئے تہواروں میں شرکت کی۔ آپﷺ کو بچپن ہی سے خود ساختہ معبودوں سے نفرت تھی اور آپﷺ خود ساختہ معبودوں کی قسم کھانا کبھی گوارا نہیں کرتے تھے۔ ایک مرتبہ آپﷺ کے سامنے غیراللہ کے نام پر ذبح کئے گئے جانور کا گوشت پیش کیا گیا تو آپﷺ نے اسے کھانے سے انکار کر دیا۔ (بخاری۔عن ابن عمر رضی اللہ عنہما )
آپﷺ اپنی قوم میں بہترین کردار، فاضلانہ اخلاق اور بہترین عادات کی و جہ سے ممتاز تھے۔ سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ آپﷺ بے سہاروں کا بوجھ اٹھاتے، مہمان کی میزبانی فرماتے اور مصیبت زدہ لوگوں کی مدد فرماتے تھے۔ (بخاری)
آپﷺ نے فرمایا:۔ ’’مجھے جوانی میں کبھی عیش پرستی اور بدکاری کی ہمت نہیں پڑی بلکہ میرے رب نے مجھے ان تمام برائیوں سے ہمیشہ محفوظ رکھا جو جاہلیت کے زمانہ میں مکہ کے نوجوانوں میں عام تھیں۔ ‘‘ (بیہقی)

رسول کریمﷺ کی بعثت کا سبب

فرمان الٰہی ہے :۔ (ترجمہ) ’’اللہ بہتر جانتا ہے کہ اپنی پیغمبری کس کو عنایت فرمائے۔‘‘ (الانعام 6 : آیت 124)
آپﷺ کی رسالت کا تذکرہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے تورات، انجیل اور دیگر آسمانی کتب میں بھی کیا اور سابقہ امتوں سے عہد و پیمان بھی لیا کہ اگر وہ نبی (محمدﷺ ) تمہارے دور میں آ جائیں تو تم ان کی ہر ممکن مدد اور اتباع کرو۔
یہی و جہ تھی کہ ہر آنے والا نبی آپﷺ کی خوشخبری لے کر آیا اور اپنی امت کو آپﷺ کی اتباع کا حکم دیا۔ آپﷺ کی بعثت سے قبل معاشرہ کفر و شرک کی دلدل میں پھنسا ہوا تھا اور ہر طرف ظلم و ستم کا اندھیرا چھایا ہوا تھا اور مظلوم کی آہ و بکا اور فریاد رسی کے لئے کوئی مسیحا نہیں تھا۔ اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ نے کفر و شرک اور ظلم و ستم کو اس جہاں سے مٹانے کے لئے آپﷺ کا انتخاب فرمایا اور آپﷺ کو تمام جہاں والوں کے لئے باعث رحمت اور خاتم النبیین ﷺ بنا کر مبعوث فرمایا۔(پڑھئے ترجمہ و تفسیر: الانبیآء21: آیت107 اور الاحزاب33 : آیت40)

رسول اکرمﷺ کی نبوت کی نشانیاں 

جیسے جیسے رسول اکرمﷺ کی بعثت کا زمانہ قریب آتا جا رہا تھا عرب میں یہود و نصاریٰ کے مذہبی پیشوا اس بارے میں زیادہ باتیں کرنے لگے کیونکہ انہوں نے اپنی اپنی مذہبی کتب میں آپﷺ کے متعلق جو کچھ پڑھا تھا اس کے آثار دن بہ دن ان کی نگاہوں کے سامنے آتے جا رہے تھے۔ قرآن مجید میں کئی مقامات پر اس کا ذکر ہے :
فرمان الٰہی ہے :- (ترجمہ) ’’جو لوگ ایسے رسول اُ مّی نبی (محمدﷺ ) کی پیروی کرتے ہیں جن کا ذکر وہ تورات و انجیل میں لکھا ہوا پاتے ہیں۔  وہ (رسول ) انہیں نیک کاموں کا حکم دیتے اور برے کاموں سے روکتے ہیں۔  وہ ان کے لئے پاکیزہ چیزوں کو حلال اور ناپاک چیزوں کو حرام بتاتے ہیں اوران پرسے (پہلی شریعتوں کی سخت پابندیوں کا) بوجھ اتارتے ہیں اور ان بندشوں کو کھول دیتے ہیں جن میں لوگ جکڑے ہوئے ہیں۔  چنانچہ جو لوگ اس (نبیﷺ ) پر ایمان لاتے، ان کی حمایت اور مدد کرتے اور اس نور(قرآن) کی پیروی کرتے ہیں جو ان کے ساتھ نازل کیا گیا ہے، ایسے لوگ ہی پوری طرح کامیاب ہونے والے ہیں۔ ‘‘(الا عراف 7 : آیت 157)
سیدناعلی اور عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا:
’’اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ نے جتنے بھی انبیا علیہم السلام مبعوث فرمائے اُن سب سے یہ عہد لیا کہ اگر محمدﷺ تمہارے زمانہ میں مبعوث ہو ں تو اُن پر ایمان لانا اور ان کی مدد کرنا اور اپنی اپنی امتوں سے عہد بھی لینا کہ اگر تمہاری زندگی میں آپﷺ تشریف لے آئیں تو ان پر ایمان لانا اور ان کی مدد و اتباع بھی کرنا۔‘‘ (تفسیرطبری ) تمام انبیا علیہم السلام نے اپنی اپنی امتوں کو آپﷺ کی بعثت کی بشارت دی اور آپﷺ کی پیروی کی تلقین فرمائی۔

زبور میں آپﷺ کی رسالت کی بشارت

اللہ عزّوجل نے داؤد علیہ السلام سے فرمایا:- (ترجمہ)’’اے داؤد، عنقریب تمہارے بعد ایک نبی آئے گاجس کا نام احمد اور محمد ہو گا۔ وہ اپنی قوم میں صادق اور سردار ہو گا۔ میں اس سے کبھی ناراض نہیں ہوں گا اور نہ ہی وہ مجھ سے کبھی ناراض ہو گا۔ اے داؤد، میں نے محمد اور ان کی امت کو تمام امتوں سے زیادہ افضل بنایا ہے۔ اس لئے کہ ان کی امت وہ کام (فرائض،حج اور جہاد وغیرہ) کرے گی جو ان سے پہلے کے انبیا علیہم السلام نے کئے۔میں نے ان کی امت کو 6 ایسے انعامات دیئے ہیں جو انعامات ان سے پہلے کسی امت کو نہیں دئے۔
1اگر وہ بھولے سے کوئی غلطی کر بیٹھیں گے تو میں اُن کی پکڑ نہیں کروں گا۔
2وہ غلطی ہو جانے کے فوراً بعد توبہ کر لیں گے تو میں ان کی توبہ قبول کر لوں گا۔
3 جو چیز وہ صدقہ کریں گے، میں آخرت میں اس کا بدلہ کئی گنا بڑھا کر دوں گا۔
4میرے پاس ہر چیز کے خزانے ہیں۔  میں ان کو اپنے خزانوں میں سے کثیر تعداد میں اور بہتر خزانہ دوں گا۔
5وہ پریشانی کے وقت صبر کریں گے اورساتھ ساتھ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّآ اِ لَیْہِ رَاجِعُوْنَ پڑھیں گے تومیں انہیں جنت نعیم دوں گا۔
6وہ مجھ سے جو بھی دعا مانگیں گے میں ان کی دعا قبول کروں گا۔ہاں اگر کسی مصلحت کے طور پرقبول نہ کروں تو اس کا اجر آخرت میں ضرور دوں گا۔
اے داؤد، اگر کوئی محمد (ﷺ ) کا امتی لَآاِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَ ہٗ لَآ شَرِیْکَ لَہٗکی گواہی دے گا تو وہ میری جنت میں میرے قریب رہے گا اور اگر کوئی آدمی ان کے لائے ہوئے دین کو جھٹلائے گا اور میرے احکامات کی توہین کرے گا تومیں اسے قبر میں عذاب دوں گا۔ جب وہ قبرسے اٹھایا جائے گا تو اس وقت بھی فرشتے اس کے چہرہ اور پیٹھ پر ماریں گے یہاں تک کہ اسے جہنم کے نچلے طبقہ میں ڈال دیا جائے گا۔‘‘ (بیہقی)
مبارک ہیں وہ(رسول اکرمﷺ اور آپﷺ کے صحابہ رضی اللہ عنہم) جو تیرے گھر (بیت اللہ) میں بستے ہیں اور سدا تیری حمد (تعریف) کرتے ہیں۔  وہ بکہ (مکہ مکرمہ) سے گزرتے ہوئے کنواں بناتے ہوئے۔ (زبور، باب18)

تورات میں رسول اکرمﷺ کی نبوت کی بشارت

سیدناکعب احبار رضی اللہ عنہ (جو کہ سابقہ یہودی عالم تھے) بیان کرتے ہیں کہ ہم نے تورات میں محمدﷺ کے بارے پڑھا ہے کہ وہ اللہ کے رسول اور برگزیدہ بندے ہوں گے نہ تیز مزاج اور نہ سخت دل ہوں گے، نہ بازاروں میں شور و غل کرنے والے، نہ برائی کا بدلہ برائی سے دینے والے بلکہ درگزر اور معاف کرنے والے ہوں گے۔ مکہ میں پیدا ہوں گے اور (مدینہ) طیبہ کی طرف ہجرت کریں گے۔ ان کی حکومت شام تک پھیلی ہو گی اور ان کی امت (اللہ عزّوجل کی) خوب حمد و ثنا بیان کرنے والی ہو گی۔ وہ ہر خوشی، غم اور ہر حال میں اللہ عزّوجل کی حمد و ثنا بیان کریں گے ہر بلند مقام پر اللہ کا نام اونچا کریں گے۔ سورج (کے طلوع و غروب) کا خیال رکھیں گے۔ نماز کو وقت پر ادا کریں گے، اپنے ازار(تہبند) پنڈلیوں تک رکھیں گے، اعضائے وضو دھوئیں گے، ان کا مؤذن بلند مقام پر اذان کہے گا۔ جنگ اور نماز کی حالت میں ان کی صفیں ایک جیسی ہوں گی۔ رات (کے اوقات) میں (ذکر و تلاوت کے دوران) ان کی آواز پست ہو گی جیسے شہد کی مکھیوں کی آواز ہوتی ہے۔ (دارمی)
’’ میں ان کے لئے ان ہی کے بھائیوں میں سے تجھ سا ایک نبی (محمدﷺ ) برپا(مبعوث)کروں گا اور اپنا کلام اس کے منہ میں ڈالوں ( پیش کروں )گا اور جو کچھ بھی میں اسے فرماؤں ( حکم دوں ) گا وہی کچھ وہ ان سے کہے گا اور جو کوئی میری ان باتوں کو جن کو وہ میرا نام لے کر کہے گا نہ سنے تو میں اس سے اس کا حساب لوں گا۔‘‘ (استثنا، ب18: 18۔ 19)
’’(اللہ کا آخری نبی محمدﷺ ) فاران (مکہ) کی پہاڑیوں سے دس ہزار قدوسیوں (صحابہ رضی اللہ عنہم) کے ساتھ جلوہ گر ہوا۔‘‘ (پیدائش، ب20-17)
وہ (نبیﷺ ) عربی ہو گا اس (نبیﷺ ) کا ہاتھ سب کے خلاف اور سب کا ہاتھ اس کے خلاف ہو گا۔‘‘ (پیدائش، ب13-16)

انجیل میں آپﷺ کی رسالت کی بشارت

سیدناعیسیٰ علیہ السلام اپنی قوم کو فارقلیط کے نام سے آپﷺ کی بشارت سناتے تھے جس کا معنیٰ محمد یا احمد ہے۔ فرمان الٰہی ہے :- (ترجمہ)’’اور(وہ وقت بھی یاد کرو) جب مریم کے بیٹے عیسیٰ( علیہ السلام )نے کہا: اے بنی اسرائیل، میں تمہاری طرف (بھیجا ہوا) اللہ کا رسول ہوں۔  مجھ سے پہلے جو (کتاب) تورات نازل ہو چکی ہے، میں اس کی تصدیق کر نے والا ہوں اور ایک رسول کی خوشخبری بھی دینے والا ہوں جو میرے بعد آئے گا جس کا نام احمد(ﷺ ) ہو گا پھر جب وہ (رسولﷺ ) ان کے پاس کھلی نشانیاں (معجزات)لے کر آئے تو انہوں نے کہا :یہ تو کھلا جادو ہے۔ ‘‘ (الصف 61 : آیت 6)
عیسیٰ علیہ السلام نے فارقلیط(آپﷺ ) کے جو اوصاف ذکر کئے ہیں وہ تمام کے تمام آپﷺ پر صادق آتے ہیں کہ وہ پوری دنیا والوں کو گناہوں سے روکے گا اور انہیں حق سکھائے گا اور وہ صرف وہی دین بتائے گا جو بذریعہ وحی اسے دیا جائے گا۔ جیسا کہ فرمان الٰہی ہے: (ترجمہ) ’’اور وہ (نبیﷺ ) اپنی مرضی سے نہیں بولتے وہ وہی بیان کرتے ہیں جو انہیں وحی کی جاتی ہے۔‘‘ (النجم53 :آیات 3تا4)
رسول اکرمﷺ نے فرمایا:-’’اللہ ربّ ا لعزّت نے سیدنا عیسیٰ بن مریم علیہما السلام کو وحی کے ذریعہ اطلاع دی کہ میرے حکم کے بارے میں سنجیدہ رہو اور مذاق نہ کرو، اے نیک عورت کے بیٹے، غور سے سنو اور اطاعت کرو۔ میں نے تمہیں بغیر باپ کے پیدا کیا ہے اس لئے کہ تم تمام لوگوں کے لئے میری نشانی بن جاؤ۔ صرف میری عبادت کرو اور مجھ ہی پر توکل کرو اور اپنی قوم پر یہ واضح کر دو کہ اللہ تعالیٰ حق ہے جسے کبھی موت نہیں آتی۔ عربی نبی (محمدﷺ ) کی تصدیق کرو جن کے بال گھنگھریالے پیشانی کشادہ، آبرو ملے ہوئے، آنکھیں سیاہ،  رخسار سفید اور گھنی داڑھی ہو گی۔ان کے چہرہ اقدس پر پسینہ موتیوں کی طرح اور اس کی خوشبو مشک کی طرح،گردن چاندی کی صراحی کی طرح حسین، ہنسلی کی ہڈیاں سونے کی طرح خوبصورت، سینہ سے لے کر ناف تک انتہائی خوبصورت بال،  پاؤں اور ہتھیلیاں گوشت سے بھری ہوئی ہوں گی اور شخصیت اتنی با رعب ہو گی کہ جب لوگوں کے درمیان بیٹھیں گے تو تمام لو گوں پر چھا جائیں گے اور جب چلیں گے تو ایسا لگے گا جیسا کہ پہاڑ سے اُتر رہے ہیں۔ ‘‘ (بیہقی)
’’اور میں (اللہ سے) درخواست کروں گا تو وہ تمہیں دوسرا مددگار (احمدﷺ کی صورت میں ) بخشے گا کہ ابد تک وہ تمہارے ساتھ رہے۔ ‘‘ (یوحنا، ب14: 17)
’’اس کے بعد میں تم سے بہت سی باتیں نہ کروں گا کیونکہ دنیا کا سردار (محمدﷺ ) آ جائے گا۔‘‘ (یوحنا، ب14: 31)
ان اقوال سے واضح ہو رہا ہے کہ جو آنے والا سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کے بعد آئے گا وہ خاتم النبیین ہو گا اور اس کی شریعت قیامت تک رہے گی۔ اس سے مراد آپﷺ ہی ہیں کیونکہ آپﷺ کی شریعت ہی قیامت تک باقی رہے گی۔ اصل انجیل چونکہ سریانی زبان میں تھی اس کے تراجم دیگر زبانوں میں ہوئے، انجیل میں کہیں آپﷺ کی بشارت تسلی دہندہ (Comforter)کہیں مددگار(Helper) اور کہیں وکیل(Lawyer) اور کہیں شفیع (Patron )کے الفاظ کے ساتھ دی گئی ہے۔ ان سب کا مفہوم احمد ہی سے ادا ہوتا ہے جس کا ذکر قرآن کریم میں موجود ہے۔
اہل کتاب کی کتب میں آپﷺ کی نبوت پر بہت سے دلائل ہیں جن میں سے چند مندرجہ ذیل ہیں :
{یوحنا: ب 1: 19تا21۔ ب14: 15تا17 اور 25تا30۔ ب14: 25تا26۔ ب16: 7تا15
استثناء: ب18: 15تا19۔ متی : ب21: 33تا46 }

رسول کریمﷺ پر وحی کا آغاز

قوم کے اندر پھیلی ہوئی خرافات اور برائیوں کو دیکھ کر آپﷺ غمزدہ رہنے لگے اور آپﷺ بار بار یہ سوچنے لگے کہ انہیں کس طرح ہلاکت سے بچایا جائے یہ غم اور خواہش بڑھتی گئی یہاں تک کہ آپﷺ رمضان کے مہینہ میں (جبل نور پر واقع) غار حرا (جس کی لمبائی 4گز اور چوڑائی پونے 2گز ہے) میں جا کر سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی تعلیمات کے مطابق اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنے میں مصروف ہو گئے اور مہینہ پورا کر کے آپﷺ بیت اللہ تشریف لاتے، بیت اللہ کا طواف کرنے کے بعد اپنے گھر چلے جاتے۔ تین سال تک آپﷺ کا یہی معمول رہا پھر جب آپﷺ کی عمر مبارک 40 سال کے قریب ہوئی تو آپﷺ کو سچے خواب آنا شروع ہو گئے پھر روشنی نظر آنے لگی اور بے جان چیزوں کی آواز سنائی دینے لگی۔رسول اکرمﷺ فرماتے ہیں :- ’’میں مکہ کے ایک پتھر کو پہچانتا ہوں جو نبوت ملنے سے پہلے مجھے سلام کیا کرتا تھا۔‘‘ (مسلم)
تیسرے سال رمضان کے مہینہ میں جب آپﷺ کی عمر مبارک 40 سال 6 ماہ اور 12 دن ہو گئی۔ 21 رمضان المبارک بروز پیر بمطابق 10 اگست 610؁ عیسوی میں آپﷺ غارِ حرا میں اللہ تعالیٰ کی عبادت میں مصروف تھے کہ اچانک جبرائیل علیہ السلام سامنے آئے اور کہا: ’’اِ قْرَاْ ‘‘آپ (ﷺ ) پڑھئے۔ آپﷺ نے فرمایا:- ’’ مَا اَنَا بِقَارِءٍٔ‘‘ میں پڑھا ہوا نہیں ہوں۔  جبرائیل علیہ السلام نے آپﷺ کو اپنے سینہ سے لگا کر دبایا پھر کہا :
’’اِ قْرَأْ ‘‘ پڑھئے۔ آپﷺ نے دوبارہ وہی جواب دیا:- ’’ مَا اَنَا بِقَارِیٔ‘‘ میں پڑھنا نہیں جانتا۔ سیدنا جبرائیل علیہ السلام نے آپﷺ کو تیسری بار سینہ سے لگا کر دبایا اور کہا:
اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِيْ خَلَقَ Oخَلَقَ الْاِنْسَانَ مِنْ عَلَقٍ Oاِقْرَاْ وَرَبُّكَ الْاَكْرَمُOالَّذِيْ عَلَّمَ بِالْقَلَمِ Oعَلَّمَ الْاِنْسَانَ مَا لَمْ يَعْلَمْ O
(ترجمہ)’’(اے محمدﷺ )اپنے رب کا نام لے کر پڑھئے جس نے (پورے عالم کو) پیدا کیا۔جس نے انسان کو خون کے لوتھڑے سے پیدا کیا۔ پڑھئے آپ کا رب بڑا کریم ہے۔ جس نے قلم کے ذریعہ سے(انسان کو) علم سکھایا اور انسان کو وہ باتیں سکھائیں جن کا اسے علم نہ تھا۔‘‘ ( العلق 96 : آیات 1تا 5)
ان آیات کو سیکھ کر آپﷺ گھر تشریف لائے۔ اس وقت آپﷺ کا دل گھبراہٹ کی وجہ سے کانپ رہا تھا۔ آپﷺ نے سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا:- ’’مجھے کمبل اُڑھا دیجئے، مجھے کمبل اُڑھا دیجئے۔‘‘ انہوں نے آپﷺ کو کمبل اُڑھا دیا۔کچھ دیر بعد آپﷺ کی گھبراہٹ ختم ہو ئی تو آپﷺ نے سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کو غار والا پورا واقعہ سنایا اور کہا:- ’’مجھے اپنی جان کے بارے میں خوف محسوس ہو رہا ہے۔‘‘ سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا نے آپﷺ کو تسلی دیتے ہوئے کہا:اللہ کی قسم، ایسا ہرگز نہیں ہو سکتا۔ اللہ تعالیٰ آپﷺ کو کبھی رُسوا نہیں کرے گا اس لئے کہ آپﷺ (رشتہ داروں سے) صلہ رحمی کرتے ہیں،  بے سہارا لوگوں کا بوجھ اٹھاتے ہیں،  تنگ دست لوگوں کی مدد کرتے ہیں،  مہمانوں کی میزبانی کرتے ہیں اور مصیبت کے وقت لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔  اس کے بعد آپ رضی اللہ عنہا آپﷺ کو اپنے چچا زاد بھائی ورقہ بن نَوفل کے پاس لے کر گئیں جو کہ عیسائی عالم تھے اور انجیل کا عبرانی زبان میں ترجمہ کر رہے تھے۔ اس وقت وہ بوڑھے اور نابینا ہو چکے تھے۔سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا نے کہا: بھائی جان، آپ اپنے بھتیجے کی باتیں سنیں۔  ورقہ بن نَوفل نے کہا:’’اے بھتیجے، سناؤ۔‘‘ آپﷺ کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا تھا، آپﷺ نے وہ پورا واقعہ سنایا۔ اس واقعہ کو سنتے ہی انہوں نے کہا: یہ تو وہی ناموس (وحی لانے والا فرشتہ) ہے جو موسیٰ علیہ السلام پر نازل ہوا تھا پھر کہنے لگے: کاش، میں اُس وقت تک زندہ رہوں،  جب آپﷺ کی قوم آپﷺ کو یہاں (مکہ)سے نکال دے گی۔ آپﷺ نے پوچھا کہ واقعی میری قوم مجھے یہاں سے نکال دے گی؟ ورقہ نے کہا: ’’جی ہاں ‘‘ جب بھی کوئی رسول آپ جیسا پیغام لے کر آیا تو اس سے ضرور دشمنی کی گئی۔ اگر میں نے تمہارا وہ(نبوت والا)زمانہ پا لیا تو ضرور تمہاری مدد کروں گا۔ اس کے کچھ عرصہ بعد ہی ورقہ وفات پا گئے اور کچھ عرصہ تک آپﷺ پر وحی کا سلسلہ بند ہو گیا۔(بخاری،مسلم )

وحی کا بند ہونا اور آپﷺ کی اضطرابی کیفیت

پہلی وحی کے بعد کچھ عرصہ کے لئے آپﷺ پر وحی آنا بند ہو گئی۔آپﷺ بہت زیادہ غمگین رہنے لگے۔کئی مرتبہ آپﷺ پہاڑ کی چوٹی پر تشریف لے کر گئے تاکہ وہاں سے لڑھک جائیں لیکن آپﷺ جب بھی کسی پہاڑ کی چوٹی پر پہنچتے تو جبرائیل علیہ السلام نمودار ہوتے اور فرماتے کہ اے محمدﷺ آپ اﷲ کے برحق رسول ہیں۔  اس تسلی سے آپﷺ کے دل کو قرار آ جاتا اور آپﷺ واپس گھر تشریف لے آتے۔ (بخاری)
وحی کی یہ بندش اس لئے تھی تاکہ پہلی وحی کی و جہ سے آپﷺ پر جو خوف طاری ہو گیا تھا وہ ختم ہو جائے اور آپﷺ کے دل میں دوبارہ وحی کی آمد کا شوق و انتظار پیدا ہو جائے۔ جب آپﷺ کا شوق و انتظار اس لائق ہو گیا کہ آئندہ وحی کی آمد پر آپﷺ اس بوجھ کو بآسانی اٹھا لیں گے تو جبرائیل علیہ السلام دوبارہ تشریف لائے۔ آپﷺ نے دوبارہ وحی نازل ہونے کا واقعہ اس طرح بیان فرمایا :-’’ میں چل رہا تھا۔ اچانک مجھے آسمان سے ایک آواز سنائی دی۔ میں نے نگاہ اٹھا کر دیکھا تو وہی فرشتہ جو میرے پاس غار حرا میں آیا تھا، آسمان و زمین کے درمیان ایک کرسی پر اس طرح پر پھیلا کر بیٹھا ہے کہ آسمان کے کنارے اس سے چھپ گئے ہیں۔  میں اس منظر سے خوفزدہ ہو کر اپنے اہل خانہ کے پاس آیا اور کہا: ’’مجھے کمبل اُڑھا دیجئے، مجھے کمبل اُڑھا دیجئے۔‘‘اہل خانہ نے مجھے کمبل اُڑھا دیا اس کے بعد اﷲ تعالیٰ نے یہ آیات نازل فرمائیں :
يٰٓاَيُّهَا الْمُدَّثِّرُOقُمْ فَاَنْذِرْOوَرَبَّكَ فَكَبِّرْ Oوَثِيَابَكَ فَطَهِّرْ Oوَالرُّجْزَ فَاهْجُرْ O
(ترجمہ) ’’اے کپڑا اوڑھنے والے۔ اٹھئے اور( لوگوں کو عذاب الٰہی سے) ڈرائیے۔اور اپنے رب کی بڑائی بیان کیجئے۔ اور اپنے کپڑوں کو پاک رکھئے۔ اور (بتوں کی) ناپاکی سے دور رہئے۔‘‘ ( المدثر 74:آیات 1تا 5) پھر وحی کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری ہو گیا۔‘‘
(بخاری۔عن جابر رضی اللہ عنہ )

وحی کے آغاز پر جنوں اور شیاطین پر آسمانی باتیں سننے پر پابندی

آپﷺ کو نبوت ملنے سے پہلے جنات آسمان سے قریب ہو کر فرشتوں کی باتیں بآسانی سن لیا کرتے تھے لیکن جب رسول اکرمﷺ کو نبوت عطا کی گئی تو وحی کو ان کی دخل اندازی سے محفوظ رکھنے کے لئے جنات کے آپکی باتیں سننے پر پابندی لگا دی گئی۔اب جو بھی شیطان باتیں سننے کی کوشش کرتا، اسے انگاروں سے مارا جاتا۔ جب جنات کے آسمانی باتیں سننے پر پابندی لگی تو وہ آپس میں کہنے لگے کہ اللہ تعالیٰ نے ضرور زمین پر واقع ہونے والے کسی عظیم کام کا فیصلہ کیا ہے۔اس لئے وہ اس(عظیم کام) کی تلاش کے لئے زمین میں مختلف ٹولیوں کی صورت میں پھیل گئے۔ ان میں سے ایک جماعت نے آپﷺ کو مکہ کے قریب وادی نخلہ (جگہ کا نام) میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو فجر کی نماز میں قرآن کی تلاوت کرتے ہوئے پایا تو وہ جماعت فوراً سمجھ گئی کہ یہی وہ عظیم کام ہے جس کی وجہ سے ہمارے آسمان پر جانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔لہٰذا یہ جماعت اسی وقت آپﷺ پر ایمان لے آئی اور جا کر اپنی قوم کو بھی تبلیغ کرنے لگی۔ ( بخاری،مسلم)
فرمان الٰہی ہے :-(ترجمہ) ’’اور (جنوں نے کہا)ہم نے آسمان کو ٹٹول کر دیکھا تو اسے سخت پہرے داروں اور شعلوں سے بھرا ہوا پایا اور یہ کہ ہم(باتیں ) سننے کے لئے اس (آسمان ) میں جگہ جگہ بیٹھا کرتے تھے مگر اب جو بھی (سننے کے لئے) کان لگاتا ہے تو وہ اپنے لئے گھات لگائے ہوئے شعلہ کو تیار پاتا ہے اور بلا شبہ ہم نہیں جانتے کہ زمین والوں کے لئے کسی برے معاملہ کا ارادہ کیا گیا ہے یا ان کے رب نے ان کے ساتھ بھلائی کا ارادہ کیا ہے۔‘‘ (الجن 72 : آیا ت 8 تا 10)
اللہ ربّ العالمین کے فرشتے آسمانوں پر چوکیداری کرتے ہیں تاکہ شیاطین آسمان والوں کی باتیں نہ سن سکیں۔  اب چوری چھپے جو شیاطین بھی آسمانی باتیں سننے کی کوشش کرتے ہیں تو آسمان کے ستارے شعلہ بن کر ان پر گرتے ہیں چونکہ شیطان آسمانی باتیں سن کر کاہنوں کو بتلا دیا کرتے تھے اور وہ (کاہن)اپنی طرف سے جھوٹ ملا کر لوگوں کے سامنے بیان کیا کرتے تھے۔
فرمان الٰہی ہے :-(ترجمہ) ’’شیاطین اس (قرآن) کو لے کر نازل نہیں ہوئے اور نہ یہ ان کے لائق ہے اور نہ انہیں اس کی طاقت ہے بلکہ وہ تو سننے سے بھی محروم کر دیئے گئے ہیں۔ ‘‘ ( الشعراء 26 : آیات 210 تا 212)
وحی الٰہی کو شیطانی در اندازی(بد گوئی) سے بالکل محفوظ کر دیا گیا ہے کیونکہ شیاطین کا مقصد صرف شرو فساد اور شرک و بدعات کو پھیلانا ہوتا ہے، جب کہ قرآن مجید سرچشمہ ہدایت ہے اور اس کو نازل کرنے کا مقصد نیکی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا ہے۔ جب جنوں کو بھی آپﷺ پر نازل ہونے والی وحی سننے کا موقع ملا تو وہ بھی ایمان لائے بغیر رہ نہ سکے۔
فرمان الٰہی ہے :-(ترجمہ) ’’(اے محمدﷺ ) آپ کہہ دیں کہ مجھے وحی کی گئی ہے کہ جنوں کی ایک جماعت نے اسے(قرآن کو) غور سے سنا اور کہا کہ ہم نے عجیب قرآن سنا ہے جو صحیح راہ کی طرف راہ نمائی کرتا ہے۔ ہم اس (قرآن) پر ایمان لا چکے۔ اب ہم ہرگز کسی کو بھی اپنے رب کا شریک نہ بنائیں گے۔‘‘ ( الجن 72 : آیات1تا 2)

آپﷺ پر نزول وحی کے طریقے

فرمان الٰہی ہے :
(ترجمہ) ’’کسی انسان کے لئے یہ ممکن نہیں کہ وہ اللہ سے آمنے سامنے کلام کرسکے، مگر وحی کے ذریعہ سے یا پردہ کے پیچھے سے یا وہ کوئی فرشتہ بھیجتا ہے اور وہ اپنے حکم سے جو چاہتا ہے وحی کرتا ہے۔ یقیناً اللہ سب سے بلند، خوب حکمت والا ہے۔‘‘(الشوریٰ 42: آیت51)
آپﷺ پرحسب ذیل طریقوں سے وحی نازل ہوئی :
فرشتہ انسانی شکل اختیار کر کے آپﷺ کو مخاطب کرتا پھر جو کچھ وہ کہتا آپﷺ اُسے یاد کر لیتے۔ کبھی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم بھی فرشتہ کو دیکھتے تھے۔
کبھی آپﷺ فرشتے کو اُس کی اصل حالت میں دیکھتے۔ اسی حالت میں وہ اﷲ تعالیٰ کے حکم سے آپﷺ پر وحی نازل کرتا۔اصلی صورت میں صرف دو مرتبہ دیکھا۔ چند دن وحی موقوف رہنے کے بعد جب دوبارہ وحی کا نزول ہوا، معراج کے موقع پر۔(بخاری)
کبھی آپﷺ کے پاس وحی گھنٹی کی آواز(ٹن ٹنانے) کی صورت میں آتی۔ وحی کی یہ صورت سب سے سخت ہوتی۔ جب فرشتہ آپﷺ سے ملتا اور وحی آتی تو سخت سردی کے موسم میں بھی آپﷺ کی پیشانی پر پسینہ آ جاتا تھا۔ آپﷺ اونٹنی پر سوار ہوتے تو وہ بوجھ کی وجہ سے زمین پر بیٹھ جاتی۔
براہ راست اﷲسبحانہٗ و تعالیٰ نے پردہ کے پیچھے سے آپﷺ سے گفتگو فرمائی جیسے معراج کی رات میں نماز اور سورہ بقرہ کی آخری(2) آیات کا تحفہ دیا اور شرک نہ کرنے والے کے لئے مغفرت کا وعدہ کیا۔(بخاری)
کبھی آپﷺ پرسچے خواب کی صورت میں وحی نازل ہوتی۔ آپﷺ جو کچھ خواب میں دیکھتے وہ صبح آپﷺ کے سامنے آ جاتا۔
فرشتہ آپﷺ کو دکھائی دئیے بغیر آپﷺ کے دل میں بات ڈال دیتا تھا۔
اللہم صل علی محمد وعلی آل محمد، کما صلیت علی ابراہیم وعلی آل ابراہیم انک حمید مجید، اللہم بارک علی محمد وعلی آل محمد کما بارکت علی ابراہیم وعلی آل ابراہیم انک حمید مجید
٭٭٭
ماخذ:
جریدہ: اسوۂ حسنہ
http://uswah.org
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
