﻿


سیل بہار




محب عارفی

جمع و ترتیب: نوید صادق، اعجاز عبید







تعارف


محب صاحب کی شعری کلیات 'چھلنی کی پیاس' کے نام سے شائع ہوئی ہے، اور ان کی دو نثری تخلیقات 'میر اور آج کا ذوق شاعری' اور 'شعریت، مسلک معقولیت' ادب کی سنجیدہ روایت میں اہم اضافے کی حیثیت رکھتی ہیں۔ 
محب صاحب کے گھر پر، پہلے راولپنڈی اور پھر کراچی میں ہونے والی ہفتہ وار نشست پچاس سال تک بلا ناغہ منعقد ہونے کے بعد چند ماہ قبل قبل ان کے ڈیفینس ہاؤسنگ سوسائیٹی منتقل ہونے کے بعد تعطل کا شکار ہو گئی۔ ان کی نشست میں باقاعدگی سے شریک ہونے والوں میں سلیم احمد، قمر جمیل، احمد ہمدانی، اطہر نفیس، رضی اختر شوق اور رسا چغتائی جیسے لوگ شامل تھے۔ 
محب صاحب ۱۹۱۹ میں پیدا ہوئے اور کراچی میں مقیم تھے۔  ۱۹ جنوری ۲۰۱۱ کو کراچی میں ہی انتقال کیا۔

نوید صادق





آ کر زبان پر جو سخن ہو کے رہ گیا
اک شعلہ تھا کہ اپنا کفن ہو کے رہ گیا

منزل کی فکر کیا مرے سیل بہار کو
ٹھہرا جہاں، وہیں پہ چمن ہو کے رہ گیا

ویرانہ کھِل اُٹھا مری وحشت کے فیض سے 
کانٹوں سمیت میرا وطن ہو کے رہ گیا

دل کیا لگا کہ ہوش مرے ہو گئے درست
بے فکریوں کا نشّہ ہرن ہو کے رہ گیا

حدّ نظر کے پار پہنچنے کے شوق میں 
پائے نگاہ اپنی تھکن ہو کے رہ گیا

سمجھا معاملات کو دنیا کے بس وہی
اپنے خیال میں جو مگن ہو کے رہ گیا

آتے ہی یہ خیال کہ میں کیا ہوں، کیا نہیں 
میں وہ کبھی نہ تھا، جو معاً ہوکے رہ گیا

اک عُمر سے زمانہ تعاقب میں تھا، سو میں 
آیا نظر کی زد میں، بدن ہو کے رہ گیا

جرّاحیوں سے عقل کی آخر مرا وجود
پیشانیِ عدم پہ شکن ہو کے رہ گیا

رنگینیاں وہ سطح کے روغن کی ہیں محب
غرقاب جن میں آج کا فن ہوکے رہ گیا
٭٭٭



چل کے دیکھوں تو، کہ ملک جاوداں ہوتا ہے کیا
لازمانی کیا چلن ہے لامکاں ہوتا ہے کیا

مجھ کو روشن پا کے اہل تیرگی کیوں چھپ گئے 
میں نہیں ہوتا جہاں آخر وہاں ہوتا ہے کیا

ہم بغل ماضی  و مستقبل جو آتے ہیں نظر
کچھ نہیں کھُلتا کہ اِن کے درمیاں ہوتا ہے کیا

کیا ملے گا سرسری نظروں کو میرے شعر میں 
ڈوب کر دیکھو محب، کیسے بیاں ہوتا ہے کیا
٭٭٭






وہ گیا گھر سے، مگر گھر سے گیا کچھ بھی نہیں 
گھر میں ہر چند کہ تھا اُس کے سِوا کچھ بھی نہیں 

جانے والے نے پہنچ کر سر دیوار اُفق
پوچھنے پر، کہ اُدھر کیا ہے، کہا، کچھ بھی نہیں 

ہم نہ کہتے تھے کہ باز آئیے غوّاصی سے 
آئنہ ٹوٹ گیا اور ملا کچھ بھی نہیں 

کیا ملا خود کے سِوا، اور ملا خود میں بھی کیا
کھُل گیا قُفل تو کیا ہاتھ لگا، کچھ بھی نہیں 

آنکھ سے کل کی جو دیکھو گے تو سب کچھ ہے نیا
آج کی آنکھ سے دیکھو تو نیا کچھ بھی نہیں 

جن سے ایما ہی کسی کا مرے نسبت نہ کھُلے 
میرے نزدیک وہ اندازو ادا کچھ بھی نہیں 

ہر دہ کہتا ہے کہ ہے کوئی پس پردہ ضرور
اِس سے آگے کا محب ہم کو پتہ کچھ بھی نہیں 

کیا تماشا ہے کہ خود مفہوم ہوں دنیا کا اور
پوچھتا ہوں اپنے معنی بھی اِسی دنیا سے میں 

میں بھنور جس کا ہوں وہ دریا نظر آئے سراب
آ گیا ہوں تنگ اپنے دیدۂ بینا سے میں 

وہ حیا پیکر ہے مشتاق نظر، اِس راز کو
پا گیا اُس کی ادائے اشتیاق افزا سے میں 

مجھ کو وہ سرو خراماں خود نہیں آتا نظر
خود اُگا لیتا ہوں کچھ اُس کے نقوش پا سے میں 

جاگتی آنکھوں کی دنیا دیکھ آیا ہوں تمام
کیا کروں گا جا کے باہر خواب کی دنیا سے میں 

اب حقیقت مانتا جاتا ہوں اک اک وہم کو
ہو رہا ہوں وہم خود کس شان استغنا سے میں 

وادیِ لا ہے یہ منزل بھی کہ پہنچا ہوں جہاں 
راہ لا پر عمر بھر چل کر مقام لا سے میں 

دوستوں کے قرض احسانات اُتر سکتے نہیں 
بس محب، اب لا پتا ہو جاؤں آہستہ سے میں 
٭٭٭





شعلۂ شوق کی آغوش میں کیونکر آؤں
اِک تمنا ہوں کہ مٹ جاؤں اگر بَر آؤں

ایک نغمہ ہوں اگر اُن کے لبوں پر کھیلوں
ایک حسرت ہوں اگر خود کو میّسر آؤں

ایک عالم ہوں جسے بس کوئی محسوس کرئے
کوئی معنی ہوں کہ الفاظ کے اندر آؤں

نقشِ بر آب سہی، کچھ بھی سہی، ہوں تو سہی
ریت کی قید میں کیا خُود سے بچھڑ کر آؤں

میری پہچان ہو شاید انہی ذرّوں کی چمک
اپنے گھر میں اسی زینے سے اُتر کر آؤں

کھل گئی مجھ سے حیا اُن کی پر اے عمرِ وفا
دل یہ کہتا ہے کہ اب اور کسی پر آؤں

اپنے دامن میں کہو، آگ سنبھالوں کیسے
ہاتھ اپنے تو محب خیر سے اکثر آؤں
٭٭٭



نہا تنہا مت سوچا کر 
مر جائے گا مت سوچا کر 

اپنا آپ گنوا کر تو نے 
پایا ہے کیا مت سوچا کر 

دھوپ میں تنہا کر جاتا ہے 
کیوں یہ سایہ مت سوچا کر 

پیار گھڑی بھر کا بھی بہت ہے 
جھوٹا، سچا مت سوچا کر 
ٕ
راہ کٹھن اور دھوپ کڑی ہے 
کون آئے گا مت سوچا کر 

وہ بھی تجھ سے پیار کرے ہے 
پھر دکھ ہو گا مت سوچا کر 

خواب، حقیقت یا افسانہ 
کیا ہے دنیا مت سوچا کر 

موند لے آنکھیں اور چلا چل
منزل، رستہ مت سوچا کر

    جس کی فطرت ہی ڈسنا ہو
    وہ تو ڈسے کا مت سوچا کر

    دنیا کے غم ساتھ ہیں تیرے
    خود کو تنہا مت سوچا کر

    جینا دو بھر ہو جائے گا
    جاناں ۔ اتنا مت سوچا کر

    مان مرے شہزاد وگرنہ
    پچھتائے گا مت سوچا کر
٭٭٭



گرد ہیں کاروانِ گذشتہ کی ہم
کیا اب آنکھوں پہ کوئی بٹھائے ہمیں 

دھوپ میں زندگی کی جلے ہیں بہت
لے چلو دوستو! سائے سائے ہمیں 

اک نوا تھی فضاؤں میں گم ہو گئی
ہم یہیں تھے مگر کون پائے ہمیں 
٭٭٭




خوش ہے کہ جو ٹوٹی ہے آخر کوئی شے ہو گی
خود میں نظر آتا ہے شیشے کو جو بال اپنا

پردے نے بُنا مجھ کو، پردے نے سنا مجھ کو
نغمہ ہوں سمجھتا ہوں اتنا ہی کمال اپنا

اے ہم نظرو ! ٹھہرو، کیا ہو جو برآمد ہو
ہر گوشہ خلوت سے اک نقشِ خیال اپنا
٭٭٭




ہے ہے وہ شیریں جھلکیاں کب تک مگر سر پھوڑئے 
دیوار پھر دیوار ہے حالانکہ شیشے کی تو ہے 

ہوتی کہاں تک مسترد بے باکیِ دستِ صبا
کھلنے لگا بندِ حیا آخر شگوفہ ہی تو ہے 

اب صلح کر بھی لیں محب تنہائیوں سے وحشتیں 
وہ میرا سایہ ہی سہی اک شے نظر آئی تو ہے 
٭٭٭




دم بھر کو چلتے چلتے ہم کیا ٹھہر گئے ہیں 
لہرا اُٹھے ہیں دریا، صحرا ٹھہر گئے ہیں 

تھا جانے کب سے جاری رقصِ نگارِ ہستی
ہم آئے ہیں تو سارے اعضاء ٹھہر گئے ہیں 

ماحول کہ سایہ ہمراہ چل رہا ہے 
اے شوق چل رہے ہیں ہم یا ٹھہر گئے ہیں 

یہ کائنات ساری، تصنیف ہے ہماری
اک مسئلہ محب ہم جس کا ٹھہر گئے ہیں 
٭٭٭




چن دیا ہے ہوسِ دید کو پس منظر میں 
جب کہیں شکل کوئی مجھ کو نظر آئی ہے 

میں چلا ہوں تو مرے ساتھ چلی ہے منزل
اور قدموں سے لگی راہ گزر آئی ہے 

ہیں محب خاک کے ذرے جو چمک اٹھتے ہیں 
کیا کہیں کوئی کرن خود بھی نظر آئی ہے 
٭٭٭




خرد یقیں کے سکوں زار کی تلاش میں ہے 
یہ دھوپ سایہ دیوار کی تلاش میں ہے 

طلوعِ نغمہ سہی، نغمہ ور کے مدِ نظر
جنونِ زخمہ فقط تار کی تلاش میں ہے 

چھلک چلا ہے قبائے حیا سے اس کا شباب
شراب جراتِ مے خوار کی تلاش میں ہے 
٭٭٭




سمجھتے ہیں، کسی ساحل نشیں کی شوخی ہے 
جو رازِ مستیِ موجِ رواں سمجھتے ہیں 

جو ان کی بزمِ نوازش میں ہم کو مل نہ سکا
اس ایک لمحے کو ہم جاوداں سمجھتے ہیں 

محب ملی ہے مجھے عمر بھر کی سعی کے بعد
وہ مرگ لوگ جسے ناگہاں سمجھتے ہیں 
٭٭٭





منتخب اشعار


کیا ملے گا سرسری نظروں کو میرے شعر میں 
ڈوب کر دیکھو محب، کیسے بیاں ہوتا ہے کیا


اپنی دنیا کا میں باشندہ ہوں اے اہل نظر
میری دنیا ہے اگر خواب، تو کیا ہوں میں بھی

وقت کو زیر کرو، ہونے سے پہلے مٹ جاؤ
وقت کے ساتھ یہی چال چلا ہوں میں بھی


اب نگاہ شوق یہ کہتی ہے شوق دید سے 
جو نظر آ ہی نہیں پاتا، وہ ہو گا ہی نہیں 

لوح عدم پر کیا لکھتا ہوں، میں کہ قلم ہوں کیا بتلاؤں 
دیکھنے والے بس یہی دیکھیں، شان کتابت کیسی ہے 


کان بجتے ہیں مرے، ساز میں کیا ہے جو بجے 
ساز کے رُخ سے بھلا پردہ اُٹھائے تو کوئی


دھرا ہی کیا ہے یہاں چشم آرزو کے لیے 
نظر اُٹھی ہے تو اپنی ہی جستجو کے لیے 


میرا وہی ہے جو مرا غم مجھ سے مانگ لے 
یہ شرط ہے اگر تو کسی کا کوئی نہیں 


دیکھیے پہلے کہ ہیں بھی یا نہیں، پھر پوچھیئے 
کس طرف کو جا رہے ہیں ہم، کہاں سے آئے ہیں 


پھول شاخوں پر یہی کہہ کہہ کے مرجھاتے رہے 
کیا یہاں ٹھہریں جو ملک جاوداں سے آئے ہیں 


خود ہی لکھی کتاب وجود و عدم تمام
خود ہی یہ کہہ رہا ہوں کہ اچھی لکھی نہیں 


کھُلتا نہیں وہ ہم سے تو کیا، سامنے تو ہے 
زیبائیاں تو صورت زیبا کی دیکھیئے 


ملبہ مرا کسی کو بتائے تو کیا بتائے 
کیا چیز انہدام عمارت نے چھین لی


میں حصار خواب سے باہر تو جا سکتا نہیں 
خواب ہی میں خواب دیکھوں خواب کی تعبیر کا

وہ قلم ہوں میں لکھی جس نے کتاب ہست و بُود
پھر نہیں واقف مصنف کون ہے تحریر کا


ہے گماں تو یہ اندھیرے میں کہ شاید کچھ ہو
جل اُٹھی شمع تو غم خانے میں کیا رکھا ہے 

ہوں نہ ذرّے تو محب اِس کی حقیقت کھُل جائے 
رنگ اپنا جو یہ کرنوں نے جما رکھا ہے 


یہ بے کرانی خواب کی میں پار تو کر لوں مگر
جو کوئی جاتا ہے اُدھر، واپس اِدھر آتا نہیں 

میری بھی گنجائش نہیں، تنگی کچھ اتنی ہے یہاں 
اُس پر بھی یہ احساس کوئی میرے گھر آتا نہیں 

چمن تمام تو آہٹ پہ اُس کی جھوم اٹھا
یہاں یہ خبط وہ سیل ہوا نظر آ جائے 


مجھ کو طلب تو نئی دنیا کی ہے 
راہ بری نقش کف پا کی ہے 

مجھ سے وہ ہے مجھ زیادہ قریب
خواہش قرب اِس سے زیادہ کی ہے 
٭٭٭

تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

