﻿
شعرِ قرطاس

سہ ماہی قرطاس، ناگپور کے ۲۰۰۵ء۔ ۲۰۰۶ء کے شماروں سے

مدیر: محمد امین






غزلیں
محسن جلگانوی
(حیدرآباد)

ابھی یہ مرحلہ فرد و ذات ہونا ہے 
صلیب چڑھنے سے پہلے صلیب ڈھونا ہے 
ہزار بار یزیدوں سے سامنا ہو گا
ہزار بار مجھے یونہی قتل ہونا ہے 
سلگتی آگ کے جنگل کا اک شجر ہوں میں 
مرا وجود یقیناً سراب ہونا ہے 
ابھی وہ داغ گریباں پہ تبصرہ نہ کرے 
ابھی تو خود اسے صابن سے ہاتھ دھونا ہے 
اے شہر سنگ مرے پاؤں چھوڑ دے کہ مجھے 
پلٹ کے گاؤں کی مٹی میں خود کو بونا ہے 
یہ جنس جاں کہ ابھی رائے گاں نہیں محسنؔ
کرید پاؤں تو مٹی تمام سونا ہے 
٭٭٭



ڈاکٹر نسیم اختر
(بنارس)


ہاں فلسطین کا بدن ہوں میں 
ہاں وطن میں بھی بے وطن ہوں میں 
پھول سارے ہیں جس کے افسردہ
باغباں ! تیرا وہ چمن ہوں میں 
تم نہ لا پاؤ گے زمیں پہ کبھی
کوئی طائر نہیں ، گگن ہوں میں 
پائے صہیونیت کے نیچے دبا
حیف! بے گورو بے کفن ہوں میں 
بے ردا پھر کیا گیا مجھ کو
کربلا میں برہنہ تن ہوں میں 
پھر یزیدوں نے کاٹ لی گردن!
پھر سے مقتل میں بے کفن ہوں میں 
٭٭٭


شمیم یوسفی
(آرہ)

نہ بھادوں کا مہینہ ہے ، نہ ساون کا ہی موسم ہے 
مرے صحن چمن میں کیوں مسلسل بارش غم ہے 
یہی کوسی، یہی گنڈک، یہی گنگا، یہی جمنا
یہی جوئے بہاراں بھی، یہی دریائے ماتم ہے 
سیاست نے ابھی تو ہاتھ رکھا ہے مرے دل پر
لگے ہے اس طرح جیسے بہاروں کا یہ موسم ہے 
جنھیں غم ہو بہاروں کا انھیں کچھ پھول دے دینا
صبا! مجھ کو تو گلشن میں دل برباد کا غم ہے 
مرے ہاتھوں میں دف دے دوکہ نغمہ کوئی چھیڑوں 
مری آہ و فغاں سے تو زمانہ سخت برہم ہے 
بتاؤ کس طرح گزرے گی اپنی زندگی آخر
شمیم اب تو بہاروں کا زمانہ  اور بھی کم ہے 
٭٭٭


اختر بارکپوری
(پرگنہ)

ربط باہم بے اثر ہے سلسلے کے باوجود
دل کی محرومی وہی ہے رابطے کے باوجود
لوگ دشمن بن گئے کیوں کامرانی پر مری
سب نے مستثنیٰ رکھا مجھ کو صلے کے باوجود
ایک منزل اک ڈگر ہے  اور خاموشی ہے ساتھ
اپنی دھن میں سب الگ ہیں فاصلے کے باوجود
جان لیوا دشمنوں کا وار بھی خالی گیا
میں سلامت ہی رہا ہر حادثے کے باوجود
تھی نظر منزل پہ لیکن رک گئے بڑھتے گئے 
کم نصیبی آڑے آئی راستے کے باوجود
ہمنوا ہو کر مخالف میں کھڑا ہونا پڑا
آج اخترؔ کو تمہارے فیصلے کے باوجود
٭٭٭


ڈاکٹر فداء  المصطفیٰ فدوی
(ساگر)



وقت نے چاہا کرے ہم کو غم و شادی میں قید
خواب کے نیلے جزیرے ، ہجر کی وادی میں قید
عمر قید و بند میں انساں کی ہوتی ہے تمام
خانہ آبادی میں ہو یا خانہ بربادی میں قید
اپنی مختاری کہیں اس کو کہ مجبوری کہیں 
قید میں آزاد ہم ہیں  اور آزادی میں قید!
اس گرفتاری کو آزادی سمجھ کر خوش ہو تم
جلے مروت شہر کی بے مہر آبادی میں قید
توڑ کر آخر حصار جسم و جاں آزاد تھی!
رہ سکی جب روح آزادی نہ شہزادی میں قید
حسرت دل برملا کب کہہ سکا تیرے حضور
گویا اک فریاد ہے مظلوم فریادی میں قید
٭٭٭


جاوید ندیم
(بمبئی)

پہلا سا کیوں نہ آہ میں میری اثر رہا
وہ اضطراب شوق سے کیوں بے خبر رہا
شاید جہان شوق طلسم خیال ہے 
وہ لمحہ بھر کا خواب تھا زیر نظر رہا
جا بھی چکا وہ پھول سی خوشبو بکھیر کر
میں جستجو میں کیوں تہہ گرد سفر رہا
میں نے سبھی کے درد میں خود کو کیا ہلاک
یہ بھی تو اک گناہ تھا جو میرے سر رہا
میری یہ آرزو کہ خلاؤں کو سر کروں 
لیکن وہ پرند کہ بے بال و پر رہا
وہ بھی تو جانتا کہ محبت ہے کیا بلا
کیوں سینہ اس کا میرے خدا بے شر ر رہا
٭٭٭



کرشن کمار طور
(دھرم شالہ)

قریب سچ کے ہے کتنا یہ استعارہ سا
ہے میرے دل کی طرح دہر پارہ پارہ سا
جہاں کی زد میں نہیں اب میں اپنی زد میں ہوں 
مجھے تو لگتا ہے گرداب بھی کنارہ سا
کوئی مقام ہو میری تو آنکھ روشن ہے 
ہے تیرے قرب میں ہر اک سفر ستارہ سا
وفا کو دہر میں کار زیاں کبھی نہ سمجھ
چمک پڑے تو بہت ہے یہ اک شرارہ سا
ہے وہ بھی سوچ میں کچھ میرے رد عشق پہ اب
سمجھ رہا ہوں اسے میں بھی کچھ دوبارہ سا
ورق ورق دل حسرت زدہ کا کھول دو طورؔ
کہاں سنبھال کے رکھو گے یہ شمارہ سا
٭٭٭


کرشن کمار طورؔ

کیا بھید ہیں سارے دل کے کھولیں 
ہم وہ چپ ہوں اگر، تو بولیں 
سمجھیں نہ کسی کو دشمن اپنا
باتوں میں کبھی بھی بس نہ گھولیں 
دنیا پہ نظر بھی ہو رہے گی
پہلے اپنا یہ دل ٹٹولیں 
لازم ہے وضو انا لہو سے 
چادر جو ہولی ہے میلی دھولیں 
تو خود ہی کہہ تری وفا کے 
آثار ہوس میں کیا ٹٹولیں 
اے طورؔ کسی کو دیکھنا کیا
بیچ بولنا ہے تو سچ ہی بولیں 
٭٭٭


حبیب سیفی
(نیو دہلی)

زمیں بوس سارے شجر ہو گئے ہیں 
پرندوں کے مسمار گھر ہو گئے ہیں 
ذرا حال پوچھو تباہی کا ان سے 
فسادوں میں جو در بدر ہو گئے ہیں 
گذارے تھے ہم نے جو صحبت میں ان کی
وہی چند لمحے امر ہو گئے ہیں 
چڑھایا گیا ہے ہمیں دار پر پھر
گنہ سب ہمارے ہی سر ہو گئے ہیں 
کسی کا بھی خوف ان کے دل میں نہیں ہے 
یہ بچے ہمارے نڈر ہو گئے ہیں 
یہ مانا کہ تاثیر ہے ان کی میٹھی
مگر سچ کے کڑوے ثمر ہو گئے ہیں 
٭٭٭



خلیل فرحت کارنجوی
کارنجوہ

اس کا انداز محبت بھی مزا دیتا ہے 
یوں ہنساتا ہے ستمگر کہ رلا دیتا ہے 
اک بہانے کے سوا کیا ہیں حکیم و حکمت
جس کو دینی ہے شفا، اس کو خدا دیتا ہے 
میرے مونس ترا جینے کی دعاؤں کا خلوص
 اور بھی قید کی میعاد بڑھا دیتا ہے 
اس کی قسمت جسے یہ نعمت عظمیٰ مل جائے 
دولت درد کہاں سب کو خدا دیتا ہے 
آنہ جائے مرے ہمدرد کے ماتھے پہ شکن
میرا دشمن مجھے جینے کی دعا دیتا ہے 
ہاتھ پھیلانے کی عادت نہ ضرورت کوئی
مجھ کو اللہ ضرورت سے سوا دیتا ہے 
ہوش والا تو سنبھلنے نہیں دیتا فرحتؔ
ایسا دیتا ہے سہارا کہ گرا دیتا ہے 
٭٭٭


خلیل فرحت کارنجوی

کوشش ترک تعلق نے رلایا ہے بہت
بھولنا چاہا جب اس کو یاد آیا ہے بہت
ہے عمل کے بعد ہی دست دعا کا مرحلہ
ہم نے اے واعظ خدا کو آزمایا ہے بہت
اک تبسم کے لئے سو بار آنکھیں نم ہوئیں 
زندگی! اے زندگی! تو نے رلایا ہے بہت
سر اٹھا کر چلچلاتی دھوپ میں کیجئے سفر
سر جھکا لیں تو گھنے پیڑوں کا سایہ ہے بہت
دوستوں نے جب ہمیں لوٹا وفا کے نام پر
دشمنوں کی دشمنی پر پیار آیا ہے بہت
دھونڈنے جائیں سکون دل کہاں فرحتؔ کہ اب
وحشتوں کا ہر گلی کوچے میں سایہ ہے بہت
٭٭٭


رفیق رضا
(کٹک)


جو چمکتا ہے مری سوچ میں جگنو بن کر
وہی رہتا ہے مری آنکھوں میں آنسو بن کر
پھول اخلاص کا دیتا تھا جو ہر دم مجھ کو
وادی جاں میں مہکتا ہے وہ خوشبو بن کر
اس کی آواز شب و روز بلاتی ہے مجھے 
کبھی پائل، کبھی کنگن، کبھی گھنگھرو بن کر
ایک سادھو میں سمجھتا رہا اب تک جس کو
وہی آیا ہے مرے شہر میں ڈاکو بن کر
الجھنیں مجھ کو ستاتی رہیں لمحہ لمحہ
کبھی بچھو، کبھی کیتو، کبھی راہو بن کر
جس کو نفرت کا ہدف لوگ بناتے ہیں رضاؔ
راج کرتی ہے زمانے میں وہ اردو بن کر
٭٭٭


تلک راج پارس
(جبل پور)

رک رک کر انفاس کے دھاگے چلتے ہیں 
زیست نہیں ہم موت سے آگے چلتے ہیں 
ہم نے اب بیراگ لیا ہے رشتوں سے 
گھر آنگن کی چھاؤں تیاگے چلتے ہیں 
ایسے بھی انسان ہیں پیارے دنیا میں 
نیند رہے  اور جاگے جاگے چلتے ہیں 
جیون کو ہر سانس میں جینا پڑتا ہے 
مجبوراً ہی سہی ابھاگے چلتے ہیں 
جنت جیسی حور تھی شب بھر پہلو میں 
صبح ہوئی تو بھاگے بھاگے چلتے ہیں 
٭٭٭


تلک راج پارس
(جبلپور)

نمائش کا چلن ہے دل کو سادہ رکھتا ہے 
مرے جیسے قلم کاروں کا رتبہ کون رکھتا ہے 
بہت مغرور ہوتے ہیں جو اپنی قابلیت پر
انہیں اکڑے ہوئے لوگوں کو سیدھا کون رکھتا ہے 
نہ ہو بارش مگر پانی زمیں سے پھوٹ پڑتا ہے 
کوئی بتلائے گہرائی میں دریا کون رکھتا ہے 
جو میرا پیر ہے اس کا خدا سے خاص رشتہ ہے 
وگرنہ میری دنیا میں اجالا کون رکھتا ہے 
جہاں خوشحالیوں کے باغ ہیں حوروں کے میلے ہیں 
وہاں تک آپ کے جانے کار رستہ کون رکھتا ہے 
٭٭٭



کرشن پرویز
(کھرڑ)

جان جاں ہو جاؤں گا جان جہاں ہو جاؤں گا
ترا دل تری نظر تیری زباں ہو جاؤں گا
ہنسی کے منہ چومیں گی کلیاں  اور چھولے گی صبا
جب خزاں میں گلستاں کا راز داں ہو جاؤں گا
شوق سے تو چاند بن کر مری راہوں میں نہ آ
میں تری راہوں میں لیکن کہکشاں ہو جاؤں گا
یہ مری قسمت کا ہے آغاز بھی انجام بھی
اشک بن تیری آنکھوں سے رواں ہو جاؤں گا
جب کہوں گا بزم میں پرویز اپنے دل کی بات
اہل دل تو ہوں مگر اہل زباں ہو جاؤں گا
٭٭٭


صلاح الدین نیر
(حیدرآباد)


یہ اہل بزم مجھ کو اتنا کیوں قابل سمجھتے ہیں 
جہاں بھی بیٹھ جاؤں صاحب محفل سمجھتے ہیں 
ہمارے دوستوں کی آج تک حالت نہیں بدلی
مسیحا بن کے آیا ہوں مجھے قاتل سمجھتے ہیں 
الگ بیٹھے ہیں محفل میں جو سب کو مشورہ دیکر
ہم ان کو بھی برابر جرم میں شامل سمجھتے ہیں 
اگر تم دوست ہو میرے تو مجھ کو ان سے ملوا دو
جو میری ہار کو بھی جیت کا حاصل سمجھتے ہیں 
خدا کا شکر اپنی عام لوگوں تک رسائی ہے 
ہمارے بات کو کب عالم و فاضل سمجھتے ہیں 
نہیں معلوم یہ کس سلسلے کے دوست ہیں نیرؔ
مری آسان ہر اک بات کو مشکل سمجھتے ہیں 
٭٭٭


صلاح الدین نیر
(حیدرآباد)

ضمیر اپنا کبھی اپنوں سے عیاری نہیں کرتا
جو ابن الوقت ہیں ان کی طرفداری نہیں کرتا
تمہاری طرح سے میں بھی پس دیوار رہ جاتا
اگر کمزور میں ہوتا تو سرداری نہیں کرتا
مجاہد تو ہمیشہ برسر پیکار رہتا ہے 
مجاہد جنگ پہ جانے کی تیاری نہیں کرتا
عزیزو مرد مومن کے کئی اوصاف ہیں اس میں 
ہمارا ظرف ایسا ہے کہ غداری نہیں کرتا
ہمیشہ ہی رہا شفاف اس کا ظاہر و باطن
تمہاری طرح سے وہ شخص عیاری نہیں کرتا
مبصر سے دربار میں مجھکو تو اب بھی اس سے ملنا ہے 
تمہاری طرح سے جو شخص عیاری نہیں کرتا
خدا ہی جانتا ہے کس طرح کے لوگ ہیں نیرؔ
کہا یہ کس نے دل اپنا وفاداری نہیں کرتا
٭٭٭


صلاح الدین نیر
(حیدرآباد)

سب جانتے ہیں صاحب دستار کون تھا
کل تو مرے قبیلے کا سردار کون تھا
درباری سازشوں میں حکومت چل گئی
اب ہم سے پوچھتے ہو کہ حقدار کون تھا
دہشت پسند کہہ تو دیا یہ بتائیے 
لاشوں کا شہر شہر خریدار کون تھا
جس کی دعا سے ٹل گئیں ساری مصیبتیں 
بستی میں ایسا صاحب کر دار کون تھا
ملبے میں دب کے رہ گئے بستی کے سارے لوگ
سب پارسا اگر تھے گنہ گار کون تھا
مزدوری کی تو دست ہنر کٹ کے رہ گئے 
خلعت ملی ہے کس کو سردار کون تھا
نیر ملا تھا حکم کے بڑھتے ابھی قدم
معلوم کس کو قافلہ سالار کون تھا
٭٭٭


صلاح الدین نیر
(حیدرآباد)

کیوں آپ کو ہے میری زباں بندی پہ اصرار
کرتے نہیں کیوں شہر کے قاتل کو گرفتار
کس طرح فسادات کے سیلاب کو روکیں 
ہے اپنے ہی گھر کی یہاں گرتی ہوئی دیوار
ہم ترک وطن کر کے یہ کس شہر میں آئے 
سنسان محلے ہیں تو جلتے ہوئے بازار
سمجھوتہ ہی کرنا ہے تو ان کو بھی بلاؤ
کچھ لوگ جو رہتے ہیں ہمیشہ پس دیوار
جس شہر سے آئے تھے وہیں لاٹ کہ چلئے 
اس شہر میں اب لوگ ہیں قاتل کے طرفدار
نیر نہ ملی ہم کو محفوظ ضمانت
ہم قتل بھی ہوکے یہاں ٹھہرے ہیں از کار
٭٭٭


رفیق قریشی
(رائسین)

خوش کلامی سے گفتگو کیجئے !
تم زباں کو نہ تر شرو کیجئے !
پیٹ پیچھے برائیاں میری
جو بھی کہنا ہے دو بدو کیجئے 
آپ کا میں نے کیا بگاڑا ہے 
مجھ کو رسوا نہ کو بکو کیجئے 
پھر یہ موقع ملے نہ ملے 
چاک داماں کو اب رفو کیجئے 
نامہ بر تم کو گر نہیں ملتا
خود ہی ملنے کی جستجو کیجئے 
دل بیتاب کو تلاش رفیقؔ
کاش مل جائیں جستجو کیجئے !
٭٭٭


ڈاکٹر روف ضیاؔ
(جبل پور)

ہائے افسوس کوئی حق کا طرفدار نہیں 
اس پہ برسائے ہیں پتھر جو گنہ گار نہیں 
میں قلم کار ہوں اے آج کی تہذیب بتا
کیسے لکھ دوں کہ برہنہ ترا کر دار نہیں 
دیکھ لوں آئینہ کہ جنگ پہ جانا ہے مجھے 
مسکراہٹ مرے ہونٹوں کی تو بیمار نہیں 
درس گاہوں سے سبھی توڑ چکے ہیں رشتے 
کیسی بستی ہے یہاں کوئی سمجھدار نہیں 
علم سیکھو مرے سرکار نے فرمایا ہے 
آج مومن ہی یہاں اس کا طرفدار نہیں 
دے کے اولاد زمیں کھود کے دولت لے لی
ایسی خوشیوں کا ضیاؔ میں تو طلب گار نہیں 
٭٭٭


ڈاکٹر روف ضیاء
(جبلپور)

ہم کو یارب غم چھپانے کے لئے 
حوصلہ دے مسکرانے کے لئے 
جھیل میں اک کنکری پھینکی گئی
ذہن کو حرکت میں لانے کے لئے 
یہ بھی ممکن ہے مجھے مرنا پڑے 
صرف تجھ کو بھول جانے کے لئے 
رہ کے چپ ہاتھوں کے تو پتھر نہ دیکھو
آئینہ بن جا زمانے کے لئے 
ساز غم کا کر رہا ہوں اہتمام
زندگی کو گنگنانے کے لئے 
ہے بہت ماں کی دعاؤں کا اثر
دھوپ سے چھاؤں میں آنے کے لئے 
خط میں اس نے رکھ دیئے آنسو ضیاءؔ
راستہ ہم کو دکھانے کے لئے 
٭٭٭


ظہور شاہدؔ
(کھنڈوہ)

اپنی جان و مال، بچوں کی حفاظت کے لئے 
آپ کو نفرت سے لڑنا ہے محبت کے لئے 
ہم نشینوں ہوش میں آ جاؤ اب بھی وقت ہے 
ہم یہ ہندوستان لے لیں گے عبادت کے لئے 
سارے بے بنیاد الزامات مجھ پر ڈال کر
آپ بھی مشہور ہو جائیں جسارت کے لئے 
کیا ہوا ایک لشکر جرار قائم کر لیا
حوصلہ بھی چاہئے صاحب بغاوت کے لئے 
ہم نے تنظیم وفا کی عہدہ داری چھوڑ دی
محترم دروازہ کھولیں اب ضرورت کے لئے 
صرف دو لفظوں میں شاہدؔ بات کہنا چاہئے 
آپ نے طومار باندھا ہے شکایت کے لئے 
٭٭٭


ظفر نسیمی
(بھوپال)


میں نے رفیق راہ کو، مشورہ جب دیا کہ یوں 
اس نے خلاف مشورہ چلتے ہوئے کہا کہ یوں 
دل کی شکستگی کا میں ، خود تو نہ دے سکا جواب
غنچہ چٹک گیا کہ یوں ، پھول بکھر گیا کہ یوں 
اپنی طلب کو چھوڑ کے ، غیروں کی خیر مانگئے 
لوگ یہ جانتے نہیں ، کرتے ہیں یوں دعا کہ یوں 
کتنی کتابیں آ چکیں ، کتنے رسول آ چکے 
اب تجھے اختیار ہے ، وہ نہ بتائے گا کہ یوں 
لغزشیں بے حساب ہیں ، تہمتیں بے شمار ہیں 
جاؤں میں اس کے سامنے ، جی نہیں چاہتا کہ یوں 
سوچ رہا تھا کس طرح، شکر ادا کروں تیرا
حی علی الصلوٰۃ کی آنے لگی صدا کہ یوں 
٭٭٭


عاجزؔ  ہنگنگھاٹی
(ہنگھن گھاٹ)

موت سے پہلے فنا فی اللہ کا خوگر ہو گیا
میں تو اک قطرہ تھا لیکن اب سمندر ہو گیا
خواہشوں کی عمر نے بھی جو کبھی دیکھا نہ تھا
دیدۂ حیراں میں وہ پیوست منظر ہو گیا
اس نے نفرت کا میری ملبہ سمیٹا رات دن
 اور میں دیوار کی چاہت کا پتھر ہو گیا
سر چھپانے کو چلی آئیں ہیں پھر مایوسیاں 
پھر شکستہ سا میری امید کا گھر ہو گیا
جنگ میں سازش ہوئی لیکن شکست فاش کا
سارا منصوبہ امیر شہر کے سر ہو گیا
حق پرستی پر میری دعویٰ ہوا تو کیا ہوا
کی جہالت سب نے عاجزؔ میں پیمبر ہو گیا
٭٭٭


عاجز ہنگن گھاٹی
(ہنگن گھاٹ)

زندگی نے اسے جب جب بھی سمیٹا ہو گا
ہاتھ سے ریت کی مانند وہ پھسلا ہو گا
اڑ کے آئے گا کوئی آس کا جگنو مجھ تک
وہ یہی سوچ کے راتوں بھٹکتا ہو گا
آنکھ یہ دیکھ رہی ہے کہ نہ دیکھے کوئی
ذہن یہ سوچ رہا ہے کہ میرا کیا ہو گا
بے خیالی میں کوئی دے گیا ہو گا دستک
وہ بھی دہلیز کی حد چھوڑ کے نکلا ہو گا
اس کے چہرے کو مزاروں کا نہ کتبہ سمجھو
گھر سے نکلا ہے تو مضمون بھی بدلا ہو گا
جس نے کٹھ پتلی بنا رکھا ہے خود کو عاجزؔ
کیا ملیں اس سے ملیں گے تو تماشا ہو گا
٭٭٭

عاجز ہنگن گھاٹی
(ہنگنگھاٹ)

غم کی زہریلی فضاؤں سے بچا لے مجھ کو
تو گھنا پیڑ ہے پتوں میں چھپا لے مجھ کو
بانسری ہوں میں تیرے سوز الم کے لے کی
خشک ہونٹوں میں ذرا دیر دبا لے مجھ کو
ایک سکہ ہوں گرا ہے جو کسی مٹھی سے 
راہ چلتے کوئی چپکے سے اٹھا لے مجھ کو
میں کھلونا ہوں ملے لمس مجھے بچوں کا
کوئی میلے کی دکاں میں سے چرا لے مجھ کو
کل کا اخبار ہوں محفوظ مجھے رکھ دنیا
پڑھنے والا ہی کہیں پھاڑ نہ ڈالے مجھ کو
عکس ہو جائے گا تعظیم کے قابل عاجزؔ
تجھ میں میں جرات ہے تو آئینہ بنا لے مجھ کو
٭٭٭


اختر شاہجہاں پوری
(یوپی)

جو قطرے میں سمندر دیکھتے ہیں 
مجھے منظر بہ منظر دیکھتے ہیں 
قبائے درد جب سے زیب تن ہے 
خوشی کو اپنے اندر دیکھتے ہیں 
چلو امن و اماں ہے میکدے میں 
وہیں کچھ پل ٹھہر کر دیکھتے ہیں 
کبھی تنہائی نے تنہا نہ چھوڑا
تماشہ پھر بھی گھس کر دیکھتے ہیں 
کرم فرمائی ہے سورج کی یہ بھی
اسے خود کے برابر دیکھتے ہیں 
ہم اپنے پاؤں پھیلائیں گے اخترؔ
کہاں تک ہے یہ چادر دیکھتے ہیں 
٭٭٭


نادر اسلوبی
(ورنگل)

کیوں روز جفا کی بات کریں 
آؤ کہ وفا کی بات کریں 
کچھ ذکر لب و رخسار بھی ہو
کچھ حسن و ادا کی بات کریں 
کچھ تبصرہ ان کے آنے پر
کچھ شان خدا کی بات کریں 
کچھ تیز کریں ارمان کی لو
کچھ رنگ حنا کی بات کریں 
کچھ تیز کریں اب نشہ مے 
کچھ آب و ہوا کی بات کریں 
کچھ ان کی عطا کی نادرؔ بات
کچھ اپنی دعا کی بات کریں 
٭٭٭

نادر اسلوبی
(ہمنکنڈہ)

سلیقہ خوش کلامی کا کہاں ہے 
ہمارا سالب و لہجہ کہاں ہے 
مری صحرا نوردی نے نہ پوچھا
یہ رستہ ہے مگر جاتا کہاں ہے 
ستم کا چار سو ہے راج لیکن
کرم کا تیرے ہم پلہ کہاں ہے 
تناور پیڑ ہے اب تو محبت
لگایا تھا وہ جو پودا کہاں ہے 
گداز دل کی خاطر ہے یہ نسخہ
مگر تو درد دل سہتا کہاں ہے 
قلم کو بھی حیا آتی ہے اس کے 
مرا اب نام وہ لکھتا کہاں ہے 
روابط کو بڑھا کر ظلم ڈھاؤ
کھلونا ہے یہ دل ٹوٹا کہاں ہے 
خفا ہیں تجھ سے کیا احباب نادرؔ
کسی نے یہ نہیں پوچھا کہاں ہے 
٭٭٭

نادر اسلوبی
(ہنمکنڈہ)

وہ جب تمہارا نہیں اس کا غم بھی کیا کرتے 
ہٹاؤ، چھوڑو، چلو، آنکھ نم بھی کیا کرتے 
مرا یہ جرم وفا سب پہ آشکارا ہے 
سزا میں اب وہ مری بیش و کم بھی کیا کرتے 
بدل دیا ہے مرے عشق نے مزاج ان کا
وہ مرنے والے پہ جورو ستم بھی کیا کرتے 
سوائے اس کے نہ تھا اور مشغلہ کوئی
جو ان کو یاد نہ کرتے تو ہم بھی کیا کرتے 
جو دوسروں کے تھے محتاج خود ہی اے نادرؔ
ذرا بتائیں وہ ہم پر کرم بھی کیا کرتے 
٭٭٭


ڈاکٹر مسعود جعفری
(حیدرآباد)

میری پلکوں پہ خواب خواب سے ہیں 
جگمگاتے ہیں ماہتاب سے ہیں 
میرے بستر پہ کچھ گلاب سے ہیں 
وہ مہکتے ہوئے نواب سے ہیں 
گھر میں ٹھہرا ہوا ہے سناٹا
در و دیوار پر عذاب سے ہیں 
اب کہیں پر کوئی پڑاؤ نہیں 
یہ شب و روز انقلاب سے ہیں 
ان کو کیسے پڑھوں کہاں سے پڑھوں 
وہ تو تاروں بھری کتاب سے ہیں 
اپنی باہیں پسار دیتا ہے 
اس کے یارانے لاجواب سے ہیں 
ان کو دیکھوں تو اک نشہ چھائے 
وہ ابلتی ہوئی شراب سے ہیں 
کون کہتا ہے اس کو سادہ مزاج
اس کی باتوں میں پیچ و تاب سے ہیں 
جعفریؔ آج بھی جہاں میں مرے 
زخم ہی زخم بے حساب سے ہیں 
٭٭٭


ڈاکٹر مسعود جعفری
(حیدرآباد)

ستاروں سے ستارے لڑ گئے ہیں 
ہماری جان کے لالے پڑ گئے ہیں 
مرے کندھوں پہ ان کا آشیاں ہے 
پرندے راستوں میں اڑ گئے ہیں 
ہمارے جسم سے کھیلے ہیں نشتر
نگینے زخم کے بھی جڑ گئے ہیں 
یہ تنہائی ہمیں جینے نہ دے گی
خیالوں میں بھنور بھی پڑ گئے ہیں 
غریبوں پر تو ٹوٹی ہے قیامت
تونگر لوگ بھی تو گڑ گئے ہیں 
بچانا جعفریؔ قاتل سے مجھ کو
مرے اطراف خیمے پڑ گئے ہیں 
٭٭٭


ڈاکٹر مسعود جعفری
(حیدرآباد)

مرے چراغ کو بھی پائمال ہونا تھا
کر کے ساتھ ہی اس کا زوال ہونا تھا
وہ بات بات پہ لڑتا رہا سدا ہم سے 
ہری رتوں کا اسے بھی خیال ہونا تھا
اسی لئے تو بہت سی شراب پی ہم نے 
ہمارے خون میں تھوڑا اچھال ہونا تھا
میں ٹوٹ ٹوٹ کے رویا نہ زور سے چیخا
پرائے دیس میں مجھ کو مثال ہونا تھا
بچھی ہے آگ تو میں آگ سے گزر جاتا
مرا وجود مرا ہم خیال ہونا تھا
اداس شام بھی مسعودؔ راس آ جاتی
ہمارے ہاتھ میں اس کا رمال ہونا تھا
٭٭٭


ڈاکٹر مسعود جعفری
(حیدرآباد)

ہم لوگ کوئی قیمتی گوہر تو نہیں ہیں 
جو کہہ نہ سکیں کچھ بھی وہ پتھر تو نہیں ہیں 
کرنا ہی پڑا جسم کو سورج کے حوالے 
اس درد کے صحرا میں صنوبر تو نہیں ہیں 
دشمن کی صفیں چیر کے جانا ہے بہر حال
ہمراہ ابابیلوں کے لشکر تو نہیں ہیں 
نقشہ ہی مرے گاؤں کا تبدیل ہوا ہے 
اب کچی کویلو کے وہاں گھر تو نہیں ہیں 
ہم آگ کے دریا سے گزر جائیں گے لیکن
کچھ اور ذرا دور سمندر تو نہیں ہیں 
چہرے کے خدوخال ہیں کچھ اور بجھے سے 
تصویر کے یہ زاوئیے کھل کر تو نہیں ہیں 
اس بار تجھے چھوڑ کے جانا ہے بہت دور
رونے کی مگر رسمیں مکرر تو نہیں ہیں 
رکتی ہی نہیں سوچ کی رفتار کہیں بھی
مسعود ترے سر میں کئی سر تو نہیں ہیں 
٭٭٭


عرش صہبائی
(جموں)

ملے گا لازماً جس کی تلاش رہتی ہے 
اسی سبب سے طبیعت بشاش رہتی ہے 
نظر کو ہر گھڑی اس کی تلاش رہتی ہے 
وہ جس کی یاد کی دل پر خراش رہتی ہے 
جو بے ضمیر ہے اس کی ہے زندگی جیسے 
کس مکاں میں کوئی زندہ لاش رہتی ہے 
نکھر سکے گی نہ ذہنی صلاحیت اس کی
وہ جس کو ہر گھڑی فکر معاش رہتی ہے 
وہ ہر نفس میں ہے موجود صورت احساس
بشر کو اس پہ بھی اس کی تلاش رہتی ہے 
یہ دل سے محو تو ہوتے ہیں مٹ نہیں سکتے 
جو حادثات ہوں ان کی خراش رہتی ہے 
اسے خبر نہیں کیسے ہیں خدوخال اس کے 
نگاہ شوق کو جس کی تلاش رہتی ہے 
یہ فکر و فن ہے یہاں فن کی بہتری کے لئے 
قدم قدم پہ تراش و خراش رہتی ہے 
عجیب بات ہے جذبات کی یہ ناؤ عرشؔ
بغیر حادثے کے پاش پاش رہتی ہے 
٭٭٭



سرفراز اشہر
(آرا)

کیسے رہ رہ کے ڈس رہا ہے کوئی
میری حالت پہ ہنس رہا ہے کوئی
میں تو چپ چاپ جا رہا تھا مگر
مجھ پہ آواز کس رہا ہے کوئی
اک نہ اک دن جوانی ڈھلتی ہے 
آج تک جس کا تس رہا ہے کوئی
بدنصیبی نہیں تو  اور کیا ہے 
اک خوشی کو ترس رہا ہے کوئی
اپنی نظروں سے دیکھ لو اشہرؔ
کیسے دریا میں بس رہا ہے کوئی
٭٭٭



سرفراز اشہر
(آراء)

جب بھی نکلے گی گپھاؤں سے خدا کی آندھی
ہر طرف پھیل ہی جائے گی وبا کی آندھی
ظلم کی تخت نشینی کو تمہارے اک دن
ختم کر دے گی مری آہ و بکا کی آندھی
دن کا منظر نہ سیہ پوش نظر آئے کیوں 
قہر کی دھول اڑاتی ہے گٹھا کی آندھی
یہ خبر تھی کہاں خوابیدہ نگاہوں کو مری
کیسے داخل ہوئی کمرے میں ضیاء کی آندھی
تم نے بارود بھری ہے مرے سینے میں بہت
کب گرا دے تری چھت میری صدا کی آندھی
آنکھ پتھرا گئی لب ہو گئے ہیں شل اشہرؔ
اے خدا شہر میں کیا آئی بلا کی آندھی
٭٭٭


سرفراز اشہرؔ
(آرہ)

مجھ کو ڈر ہے کہ یار کاسے میں 
وہ نہ بھر دے غبار کاسے میں 
کیا خبر مجھ کو کسی نے ڈال دیا
پھول کے بدلے خار کاسے میں 
کبھی کاسہ نہ اس کا خالی ہو
بھر دو تم اتنا پیار کاسے میں 
رنگ و روغن کے باوجود ترے 
کہاں آیا نکھار کاسے میں 
چاندنی کی طرح اتر آتی
کاش کوئی بہار کاسے میں 
کیسا غم تھا کہ اشک آنکھوں سے 
گر پڑا بے شمار کاسے میں 
کیا پتہ سرفرازؔ کا دل بھی
کب سے ہے بے قرار کاسے میں 
٭٭٭


سرفراز اشہرؔ
(آرہ)

دکھا کے جلوۂ تصویر ایک بار مجھے 
تو اپنی جھیل سی آنکھوں میں مت اتار مجھے 
ابھی تو ٹھیک سے دیکھا نہیں تھا چہرہ بھی
ہنسا کے چلی گئی جانے کہاں بہار مجھے 
کسی طرح سے تعلق تو برقرار رہے 
گلوں کے بدلے میں دیتا رہے وہ خار مجھے 
اسی سے میرا بہت ہی پرانا رشتہ ہے 
سمجھ رہا ہے جو بھٹکا ہوا غبار مجھے 
کروں گا اس کی شکایت تری عدالت میں 
زمانہ کہہ رہا ہے کیوں گناہ گار مجھے 
اسی بہانے سے لایا تو کھینچ کر اشہرؔ
یہ تیرے شہر کا ماحول خوشگوار مجھے 
٭٭٭



مجید کوثر
(مالیگاوں)

ٹمٹماتا اک دیا ہوں آنکھ ہو تو دیکھ لے 
پھر بھی آندھی میں کھڑا ہوں آنکھ ہو تو دیکھ لے 
میرے اندر حق و باطل کی کشاکش روز و شب
میں بھی جیسے کربلا ہوں آنکھ ہو تو دیکھ لے 
ابر برسیں بھی تو آئیں نہ کبھی برگ و ثمر
کیسے جنگل میں اگا ہوں آنکھ ہو تو دیکھ لے 
کتنی صدیوں سے پھروں میں درد دل اپنا لئے 
ان سنی سی اک صدا ہوں آنکھ ہو تو دیکھ لے 
جلتے سورج کے مقابل کون تھا میرے سوا؟
خاک بن کر میں پڑا ہوں آنکھ ہو تو دیکھ لے 
کیوں دعائیں لوٹ آئیں آسمانوں سے مجیدؔ
اپنے کرموں کی جزا ہوں آنکھ ہو تو دیکھ لے 
٭٭٭


مجید کوثر
(مالیگاؤں)

میں کیوں نہ پیار کروں بے شمار مٹی سے 
ترا جمال ہوا آشکار مٹی سے 
ہوائے تند کی طرح بھٹکتے پھرتے ہیں 
کہیں ملا نہ سکون و قرار مٹی سے 
ہر ایک پھول سے شعلہ، تو غنچے چنگاری
اٹھی ہے کیسی یہ فصل بہار مٹی سے 
وہاں پہ امن و محبت کے پھول کیسے کھلیں 
جہاں نکلتے ہوں برق و شرار مٹی سے 
کوئی بھی شئے نہیں قائم مقام پر اپنے 
یہ کیسا پھیلا ہے اب انتشار مٹی سے 
نکل تو اپنی انا سے ، کہ ابن آدم ہے 
سنے گا سب وہ تری، تو پکار مٹی سے 
سلگتے دشت میں جل تھل کا ہو سماں یارب
کبھی اٹھے تو وہ ابر بہار مٹی سے 
وفا، خلوص کے پیکر نہیں ملیں گے مجیدؔ
زمیں بنائے نہ اب شاہ کار مٹی سے 
٭٭٭



ایک پتھر سہی رستے کا اٹھا لو مجھ کو
خانہ دل میں بصد شوق سجا لو مجھ کو
چارہ گر بھی نہیں کرتے ہیں مداوا کوئی
تار انفاس میں شعلے ہیں بچا لو مجھ کو
سر سے اونچا ہوا جاتا ہے یہ سیلاب بلا
ڈوب جاؤں نہ کہیں آج نکالو مجھ کو
کون کہتا ہے اندھیروں کی حکومت مجھ سے 
نور ہی نور ہوں اندر سے کھنگالو مجھ کو
کیسے گھیرے میں ہواؤں کے ہوں دیکھو اب کے 
شاخ سے ٹوٹ نہ جاؤں میں سنبھالو مجھ کو
ایک ذرہ ہوں مگر، شمس و قمر ہوں کوثرؔ
روشنی بن کے میں بکھروں گا چھپا لو مجھ کو
٭٭٭


سعید رحمانی
(کٹک)

دل میں جذبوں کی تڑپ ہونٹ پہ نغمہ رکھ دے 
 اور آنکھوں میں کوئی خواب سنہرا رکھ دے 
میں خنک چھاؤں میں چلنے کا طلبگار نہیں 
راہ میں میرے لئے آگ کا دریا رکھ دے 
سامنے آنکھوں کے سیلاب کا منظر ہے ابھی
خشک ہونٹوں پہ میرے پیاس کا صحرا رکھ دے 
گھر سے نکلا تو ہے سر لے کے ہتھیلی پہ مگر
گھر کی تحویل میں پہچان کا چہرہ رکھ دے 
تیری آنکھوں کی امانت ہیں یہ غم کے آنسو
طاق میں دل کے سجا کر یہ اثاثہ رکھ دے 
کوئی بھی ایسا نہیں شہر ستمگر میں سعیدؔ
دست مظلوم میں ایثار کا سکہ رکھ دے 
٭٭٭


سعید رحمانی
(کٹک)

ہر لمحہ اپنے دور کا خنجر بکف رہا
اپنا وجود اس کے ستم کا ہدف رہا
ہیرے مسرتوں کے تراشے بہت مگر
ہاتھوں میں غم کا ریزۂ سنگ و خزف رہا
دی اس نے دوستوں کو سند اعتبار کی
میرا ہی نام اس کے سخن سے حذف رہا
دیوار جب اٹھائی عزیزوں نے گھر کے بیچ
غم عمر بھر کے واسطے میری طرف رہا
فکر سخن میں چل پڑا جب بھی قلم سعیدؔ
لفظوں کا اک ہجوم دیگر صف بہ صف رہا
٭٭٭


سعید رحمانی
(کٹک)

پانی کسے ملتا ہے بالو کے جزیرے میں 
ہم لوٹ چلیں آؤ آنسو کے جزیرے میں 
ہستی کے سمندر میں اترا تو نظر آیا
ہر شخص مقید تھا جادو کے جزیرے میں 
پھولوں کی مہک سب کو دیتی ہے یہاں راحت
کانٹے نہیں ہوتے ہیں خوشبو کے جزیرے میں 
اے اہل زباں دیکھو تم شہر کٹک آ کر
ہم لوگ بھی رہتے ہیں اردو کے جزیرے میں 
آنکھوں میں سعیدؔ اب تک ہے عکس اجالوں کا
بچپن مرا بیتا ہے جگنو کے جزیرے میں 
٭٭٭


سعید رحمانی
(کٹک)

مری چنچل تمنائیں کبھی ہیں تتلیاں جیسی
کبھی ہیں خواب کی روٹھی ہوئی شہزادیاں جیسی
ہمارے روز و شب کی ساعتوں کا حال کیا کہنا
کبھی ہیں محفلیں جیسی، کبھی تنہائیاں جیسی
نظر آتی ہیں تعبیریں مرے انمول خوابوں کی
گھنے کہرے میں ڈوبی دھندلی دھندلی بستیاں جیسی
تمازت سے جھلستی کھیتیوں پر پہلی بارش کی
مدھر تانیں سنائی دیں ہمیں شہنائیاں جیسی
سعیدؔ اپنی نگاہوں میں سراسر خواب ہے دنیا
یہاں سب صورتیں انساں کی ہیں پرچھائیاں جیسی
٭٭٭


سرفراز خان اختر قادری
(اٹاوہ)

سرزمیں کہکشاں سی لگتی ہے 
رشک صد آسماں سی لگتی ہے 
آسرے وہ ملے ہیں اردو کو
بے سہارا زباں سی لگتی ہے 
خوشبوئیں گھل گئی ہیں سانسوں میں 
زندگی گلستاں سی لگتی ہے 
دیکھتا ہوں جو دل کی بستی کو
ایک اجڑے مکاں سی لگتی ہے 
اپنی بپتا جسے سناتا ہوں 
آپ کی داستاں سی لگتی ہے 
آج اخترؔ کے قہقہوں کی صدا
سرد آہ و فغاں سی لگتی ہے 
٭٭٭


پی پی سریواستوا رند
(نوئیڈا)

سوندھی سوندھی سی وہ مہکاریں کہاں سے لائیں گے 
اب گئے موسم کی بوچھاریں کہاں سے لائیں گے 
اب کرے گا کون گھر آنگن کی حد بندی کی ضد
گر چکی جو گھر کی دیواریں کہاں سے لائیں گے 
سازشی لمحوں کے ویراں ہو گئے ہیں آبشار
خشک ہے دریا تو اب دھاریں کہاں سے لائیں گے 
ریشمی آواز کے رشتے تو ہجرت کر گئے 
اب گئے لمحوں کی جھنکاریں کہاں سے لائیں گے 
جن کا اک اک لفظ، اک اک فیصلہ قانون تھا
اب قبیلوں میں وہ سرکاریں کہاں سے لائیں گے 
رات کے لشکر تھا اے رندؔ تنہائی کا شور
جگنوؤں کی دن میں یلغاریں کہاں سے لائیں گے 
٭٭٭


پی پی رند سریواستورندؔ
(نوئیڈا)

ہر نفس تار تار چاہتا ہوں 
زندگی سے فرار چاہتا ہوں 
ہو رہی ہے خلوص کی توہین
پھر انا کا سنگار چاہتا ہوں 
چاندنی کی طلب بھی ہے لیکن
دھوپ بھی بے شمار چاہتا ہوں 
کچھ رتیں ہر طرف پریشاں ہیں 
خوشبوؤں کو قرار چاہتا ہوں 
غم کی مشغولیت کا شغل رہے 
مستقل روزگار چاہتا ہوں 
رت جگے کھو گئے اندھیرے میں 
روشنی کا دیار چاہتا ہوں 
دھوپ میں چھاؤں سوکھ جائے گی
بادلوں کی پھوہار چاہتا ہوں 
زندگی کی دکان سے اے رندؔ
چن لمحے ادھار چاہتا ہوں 
٭٭٭


پی پی رند سریواستورندؔ
(نوئیڈا)

وہی جو صاحب ادراک کم ہے 
زمانے کے لئے چالاک کم ہے 
ڈراتی ہیں جسے دریا کی موجیں 
وہ شاید آدمی تیراک کم ہے 
لہو سے حاشئے لکھتے ہیں باقی
کہ افسانہ ابھی غم ناک کم ہے 
رنگوں کا لمس پھیکا پڑ گیا ہے 
فضاؤں کی بھی تو پوشاک کم ہے 
زباں پر جس کے تھے شعلے ابھی تک
وہ اب محتاط سے بیباک کم ہے 
ابھی طوفان سے بیساکھیوں پر
ابھی زور خس و خاشاک کم ہے 
کوئی سورج بغاوت کر نہ بیٹھے 
وقار عظمت افلاک کم ہے 
کرشمہ دیکھئے اس رندؔ شب کا
سلگتی تیرگی بیباک کم ہے 
٭٭٭


ڈاکٹر مقبول احمد مقبول
(لاتور)

ایسی دنیا تھی مری، تیری نگہ سے پہلے 
جیسے بے کیف سماں باد صبا سے پہلے 
تیری قدرت کے سوا کچھ بھی نہ تھا دنیا میں 
خاک سے آب سے آتش سے ہوا سے پہلے 
مانگنے کے بھی یقیناً ہیں کچھ آداب و حدود
مانگنا کیا ہے ؟ ذرا سوچ دعا سے پہلے 
سامنا لشکر غم کا وہ کریں گے کیسے ؟
ٹوٹ جاتے ہیں جو آغاز بلا سے پہلے 
ایسی دیوانگی پہ عقل کا ماتم ہے بجا
زہر کھانے لگے ہیں لوگ دوا سے پہلے 
ہم سا مظلوم بھی کوئی نہیں ہو گا مقبولؔ!
مل رہی ہے ہمیں تعزیر خطا سے پہلے 
٭٭٭


مینا نقوی
(مرادآباد)

ہے شکستہ شیشہ دل مرا کوئی چوٹ پہنچی ضرور ہے 
مری ذات کا جو حصار ہے مری دسترس سے وہ دور ہے 
اسے پھول ہونا پسند ہے ، مجھے زخم کانٹوں کے راس ہیں 
اسے مستی اپنی خوشی کی ہے ، مجھے اپنے غم کا سرور ہے 
مرے ریزہ ریزہ وجود پہ تو خجل نہ ہو میرے ہم نشیں 
یہ خطا ہے میری امید کی، مری چاہتوں کا قصور ہے 
مری رہگذر میں ہیں پیچ و خم، تری منزلیں ہیں بلند تر
ہے ادھر زمین کی عاجزی ادھر آسماں کا غرور ہے 
مرا چین راتوں کا لے گیا وہ چراغ یادوں کے دے گیا
کہیں نور میں ملی تیرگی، کہیں تیرگی میں بھی نور ہے 
جو جبیں پہ چاند سجا سکے وہ فلک نصیب نہیں ترا
اسے میناؔ مانگنا چھوڑ دے کسی مانگ کا وہ سیندور ہے 
٭٭٭


خاور خان سرحدی
(علی گڈھ)

زندگی کس خیال میں گم ہے 
ہجر اب بھی وصال میں گم ہے 
اجلی پوشاک ہے بہت دلکش
اک ہنسی، اک ملال میں گم ہے 
پڑھ کے دیکھوں کتاب سا چہرہ
چاند اپنے جمال میں گم ہے 
پھول آئے ہیں خشک ٹہنی پر
ساری بستی اکال میں گم ہے 
مسکراہٹ کی چاندنی لب پہ
فن بھی اپنے کمال میں گم ہے 
دن ڈھلا یاد آ گئی خاورؔ
دھوپ رنگ ملال میں گم ہے 
٭٭٭

پروفیسر اقتدار افسر
(بھوپال)

اس قدر بڑھی رونق میرے آشیانے کی
برق نے قسم کھائی آشیاں جلانے کی
یوں چڑھا کے سولی پر حکم مسکرانے کا
آپ نے تو حد کر دی ہم کو آزمانے کی
آپ کو نہ جانے کیوں ناگوار گذری ہے 
بات کر رہے تھے ہم بے وفا زمانے کی
وہ سمجھ نہ پائیں گے میرے دل کی حالت کو
ہو گئی ہے عادت سی غم میں مسکرانے کی
توڑ ڈالے پیمانے میکدے میں رندوں نے 
بات کر رہے ہو تم پینے  اور پلانے کی
ان کا ہاتھ ہے جب تک میرے ہاتھ میں افسرؔ
میرا کیا بگاڑیں گی گردشیں زمانے کی
٭٭٭


ڈاکٹر زبیر قمر دیگلوری
(دیگلور)

سبق اپنی محبت کا انھیں پڑھ کر سنا دینا
خطا کار محبت ہوں جو تم چاہو سزا دینا
مرا محبوب بھی مجھ سے محبت خوب کرتا ہے 
مرے محبوب کو یارو ہمیشہ تم دعا دینا
دل مضطر تجسس سے اسے اکثر یہی کہتا
ذرا آنچل گرا دینا حسیں چہرہ دکھا دینا
مرے بچے ادب کرتے نہیں اپنے بزرگوں کا
یہ آثار قیامت ہیں ذرا ان کو بتا دینا
یہ فرمان مدبر ہے ذرا سن لو وطن والو
یہ عادت بھی نہیں اچھی سدا احساں جتا دینا
مگر مچھ کے یہ آنسو بھی بھلے لگتے نہیں ان کے 
یہ کذب و افترا لیکن قمر صاحب بتا دینا
٭٭٭



ڈاکٹر زبیر قمر دیگلوری

حیات اس نے اپنی خوشی سے بسر کی
غریبوں پہ جس نے ہمیشہ نظر کی
ہے خامی کا پتلا بشر آج کل کا
نہ دیکھو خطائیں کبھی بھی بشر کی
کہا مجھ سے ایسا کہو تم ہمیشہ
’’چلو اس طرف کو ہوا ہو جدھر کی‘‘
ہمیشہ کہوں گا میں انمول باتیں 
یہ باتیں نہیں ہیں ادھر کی ادھر کی
ترنم سے نغمہ قمرؔ نے سنایا
یہ سالم زمیں ہے جو لعل و گہر کی
٭٭٭


ڈاکٹر زبیر قمر دیگلوری

پیرہن ریشمی یوں شان بڑھا دیتا ہے 
رتبۂ عالی نسب اور گھٹا دیتا ہے 
زاہد خشک کبھی چشم حقارت سے نہ دیکھ
’’رند کم ظرف کو ساقی ہی سزا دیتا ہے ‘‘
صاف گوئی بھی بہت تلخ ہوا کرتی ہے 
کون ہے جو مجھے جینے کی دعا دیتا ہے 
مفلسی میں تو ہنر طیب کی صورت نکلا
مال دنیا تو ہر اک عیب چھپا دیتا ہے 
خامشی میں تو مری عمر کٹی ہے ائے قمرؔ
میرا ہر شعر مگر آج صدا دیتا ہے 
٭٭٭


مشرف حسین محضر
(علیگڈھ)

آگ کے شہر میں بارود بچھاتے کیوں ہو
شعلے اٹھتے ہیں تو پھر شور مچاتے کیوں ہو
ہم نے پوچھا ہے سدا گردش دوراں کا مزاج
تم ہمیں گردش دوراں سے ڈراتے کیوں ہو
جس کے لہجے میں کھنک ہو نہ لطافت نہ مٹھاس
ایسی آواز سے آواز ملاتے کیوں ہو
دور حاضر کے زبوں حال تقاضوں کے لئے 
اپنے اسلاف کی تاریخ بھلاتے کیوں ہو
توڑنے ہیں تمہیں خود بڑھ کے طلسمات جمود
جسم کو اپنے سہاروں پہ چلاتے کیوں ہو
اپنے کر دار سے پامال ہوئے ہو محضرؔ
اہل دنیا پہ تم الزام لگاتے کیوں ہو
٭٭٭


مشرف حسن محضرؔ
(علی گڈھ)

سر کو جھکائے کون آیا ہے قاتل کی شمشیر کے پاس
خون کی بوندیں کس نے رکھ دیں بے کس کی تقدیر کے پاس
چہرہ دامن گرد آلودہ پاؤں میں گھنگھرو چھالوں کے 
اسکے علاوہ کچھ نہ ملے گا تم کو اک رہگیر کے پاس
اس قیدی کو کیسے بھلا دیں زندانوں کی دیواریں 
جاتے جاتے چھوڑ گیا جو نقش قدم زنجیر کے پاس
کوئی تو آخر لکھ چھوڑے گا آنے والی نسلوں کو
نفرت کی بنیاد نہ رکھنا الفت کی تعمیر کے پاس
وہ تو رضائے حق کی خاطر پیاسی جان لٹائی تھی
ورنہ جہاں کے سارے سمندر اٹھ آتے شبیر کے پاس
ہم نے اپنے فن کو محضرؔ ایک نیا عنوان دیا
شیشے کے شہکار سجا کر پتھر کی تصویر کے پاس
٭٭٭


مشرف حسین محضر
(علی گڈھ)

جیتے ہوئے تھے جیتی ہوئی یہ جنگ جو ہم نے ہاری ہے 
ایسا کچھ لگتا ہے اس میں اپنوں کی غداری ہے 
جس نے ہزاروں گھر لوٹے ہیں اسی کی پھر سرداری ہے 
اب کے کس پر حملہ ہو گا دیکھئے کس کی باری ہے 
اس بستی میں آنے لگے ہیں انگاروں کے سوداگر
جس بستی کے ہر گھر کی بارودی چار دیواری ہے 
کیا بتلائیں کیا ہوتا ہے مرکز سے ہٹ جانے پر
ہم نے تو یہ سنا ہے پتھر اپنی جگہ پر بھاری ہے 
یہ بھی حقیقت کھل جائے گی آج نہیں تو آج کے دن
کس نے گھر کو آگ لگائی کس کی یہ غداری ہے 
وقت کے مرہم سے بھی شاید ساری عمر نہ بھر پائیں 
باتوں کے یہ زخم کہ جن سے خون ابھی تک جاری ہے 
اس کو چھوا تو مجھ میں یارو اک بجلی سی کوند گئی
اس کے بدن میں شاید کوئی دہکی ہوئی چنگاری ہے 
جلتے بجھتے عمر کے لمحے آخر کس کی نذر کروں !
ایک طرف تو مجبوری ہے ایک طرف خود داری ہے 
لوٹا ہے بازار سے لیکر انگاروں کے گلدستے 
محضرؔ جس کے اپنے مکاں میں کاغذ کی الماری ہے 
٭٭٭


مشرف حسین محضر
(علی گڈھ)

جو اپنے بار کفالت سے خم ہیں دروازے 
میری نظر میں وہی محترم ہیں دروازے 
شمار کرئیے تو بستی میں چوکھٹیں ہیں بہت
مگر گھروں کے تناسب سے کم ہیں دروازے 
چھتوں کے بوجھ سے نالاں ہیں جن کی دیواریں 
انہی شکستہ مکانوں کے ہم ہیں دروازے 
جواں ہو تو زمیں پر کبھی کا سوکھ گیا
یتیم اشکوں سے اب تک بھی نم ہیں دروازے 
جو دیکھئے تو بلندی میں شان رکھتے ہیں 
جو سوچئے تو بھرم ہی بھرم ہیں دروازے 
شکستہ چوکھٹیں جھک کر انھیں سلام کریں 
ہمارے شہر میں جتنے اہم ہیں دروازے 
٭٭٭




ڈاکٹر قاضی عبدالواحد
(امراوتی)


نہ غم کے جھونکے تھے تنہا، نہ جسم کے اعضاء تھے تنہا
مگر اٹھا درد سینے سے تنہا، آنکھ سے آنسو بہے تنہا
خوشیاں زندگی بھر آپس میں بانٹتے رہے لیکن
مشکلیں ہم پہ آئیں تنہا، ہم تڑپتے رہے تنہا
موت نے بھی اک جا ہونے نہ دیا ہم کو
وہ غرق دریا ہوئے تنہا، ہم دفن زیر زمین ہوئے تنہا
قسمیں عمر بھر ساتھ رہنے کی کھائی تھیں لیکن
وہ کروٹیں بدلتے رہے تنہا، ہم تارے گنتے رہے تنہا
روشنی کا باہم ربط ہونے کے علاوہ بھی
چاند راتوں کو چمکے تنہا، سورج دنوں میں دمکے تنہا
بے رخی نے بھی واحدؔ اس وقت دیا ہمارا ساتھ
وہ جھکے جب ندامت سے تنہا، ہم منھ موڑ کے چل دیئے تنہا
٭٭٭


جمیل تمنائی
(کولکاتا)

کبھی وہ دن نہ دکھانا مرے خدا مجھ کو
نگاہ غیر سے دیکھے جو آشنا مجھ کو
طلب کی آرزو سینے میں رہ گئی گھٹ کر
دعا سے روک رہی ہے مری انا مجھ کو
بشر کے بھیس میں زہریلے ناگ پلتے ہیں 
جسے گلے سے لگایا وہ ڈس گیا مجھ کو
ہزاروں طنز کے نشتر دکھائی دیتے ہیں 
تری خموشی کے پہلو میں جا بجا مجھ کو
اجل تو آئے گی اک دن رہائی دینے کو
حیات دے گی کہاں تک سزا مجھ کو
بہ جز غموں کے تمنائی  اور کچھ بھی نہیں 
حیات نے کہاں لا کر کھڑا کیا مجھ کو
٭٭٭



اعجاز احمد اعجاز
(جبل پور)

ہے غبار راہ چہرے پر زباں خاموش ہے 
میرے اندر چلنے والا کارواں خاموش ہے 
جب کھلونا مجھ سے ٹوٹا میں بھی ایسا ہو گیا
ایک بچہ جس میں احساس زیاں خاموش ہے 
اک پہیلی ذہن میں ہے کوئی حل ملتا نہیں 
آگ تو بھڑکی ہوئی ہے  اور دھواں خاموش ہے 
آج اس سے گفتگو کی تو مجھے ایسا لگا
سرد لہجے میں کہیں آتش فشاں خاموش ہے 
پیڑ کاٹے تو نہ ہوں گی موسموں کی راحتیں 
اک لکڑ ہارا بھی سن کر یہ بیاں خاموش ہے 
جس کو کہتا ہے جہاں پروردگار انقلاب
اس کے آگے ہر ستمگر کی زباں خاموش ہے 
٭٭٭


اعجاز احمد اعجاز
(جبل پور)

ہم تو گذر چکے ہیں حد انکسار سے 
تم بھی نکل کے آؤ انا کے حصار سے 
کچھ تو خطا ہوئی ہے یہاں اقتدار سے 
آنے لگا عذاب جو سرحد کے پار سے 
کاغذ کے پھول کرنے لگے خوشبوؤں کی بات
ناآگہی نشہ میں فضل بہار سے 
پرواز کی پرند بھی کرتے نہیں ہیں بات
باندھے گئے ہوں پر جہاں سونے کے تار سے 
اعجازؔ اک تو کم نہ تھی تنہائی کی گھٹن
کھڑکی کھلی تو بھر گیا کمرہ غبار سے 
٭٭٭


اعجاز احمد اعجازؔ
(جبلپور)

خموشی کی وضاحت چاہتا ہوں 
زباں کھولو میں راحت چاہتا ہوں 
تخیل تیرگی تک لے گیا ہے 
اجالے کی حفاظت چاہتا ہوں 
پڑی ہے دشمنی کو عمر ساری
ابھی تیری حمایت چاہتا ہوں 
مجھے کمزور کر دے گی محبت
اکیلا ہوں میں نفرت چاہتا ہوں 
مری دشواریاں آسان ہوں گی
بزرگوں سے نصیحت چاہتا ہوں 
محبت گاؤں سے مجھ کو بہت ہے 
پریشاں ہوں تو ہجرت چاہتا ہوں 
٭٭٭



بیتاب کیفیؔ
(بھوجپور)

آسودگی نشاط سکوں کیف و مستیاں 
بے حد حسیں تھیں عہد گذشتہ کی بستیاں 
سہنا پڑے گا یوں ہی گرانی کے وار کو
آئیں گی نہ جہاں میں وہ پہلے کی سستیاں 
تم مانو یا نہ مانو حقیقت ہے بس یہی
اہل عروج کو ہی بلائی ہیں پستیاں 
انصاف کا جہاں میں تصور فضول ہے 
جب تک ہیں ذہن و دل میں اقارب پرستیاں 
ہر گھر میں ٹیلی فون کا چرچہ ہے آج کل
عنقا ہوئیں زمانے سے اب چٹھی پتریاں 
جن ہستیوں پہ سارے زمانے کو ناز تھا
بیتابؔ رہ سکیں نہ یہاں وہ بھی ہستیاں 
٭٭٭


کوثر صدیقی
(بھوپال)

لہروں کے آگ اگلنے کا منظر بھی دیکھتے 
خواہش تھی بمبئی کا سمندر بھی دیکھتے 
دریا کی تہہ سے سر جو اٹھاتا ہے بار بار
ہوتا نہیں جو غرق وہ پتھر بھی دیکھتے 
پجنا لکھا ہے جن کے مقدر میں رات دن
اک بت کدے میں جا کے وہ پتھر بھی دیکھتے 
لوگوں نے مفت میں مجھے بدنام کر دیا
ہر امتحان میں مرے نمبر بھی دیکھتے 
کاغذ قلم بھی کر نے لگے اب تو آرزو
اک روز میرے ہاتھ میں خنجر بھی دیکھتے 
جی لگ گیا ہے دشت میں پھر بھی کبھی کبھی
جی چاہتا ہے سر و صنوبر بھی دیکھتے 
٭٭٭

حفیظ انجمؔ کریم نگری
(حیدرآباد)

کیسے کہوں کہ دوست مرا  اور عدو ہے کون؟
مجھ کو مٹا کے آج ہوا سرخ رو ہے کون؟
حیرت میں پڑ گیا ہے تو حیرت کی بات ہے 
رکھ جیب میں اجالا تری جستجو ہے کون؟
میں جو مہک رہا ہوں یہاں سر سے پاؤں تک
اندر مرے سمایا ہوا مشکبو ہے کون؟
دل جو دہک رہا ہے بڑے زور و شور سے 
بن کر حسین شعلہ کھڑا روبرو ہے کون؟
یہ کون آ کھڑا ہے دریدہ لباس میں 
جو کر رہا ہے چاک گریباں رفو ہے کون؟
چٹان سا کھڑا ہے تھپیڑوں کے درمیاں 
لہروں سے کر رہا ہے یہاں گفتگو ہے کون؟
مانوس میں ہوں لوری کی آواز سے سدا
انجمؔ بتا کہ ماں سے بھلا خوش گلو ہے کون؟
٭٭٭


ارشد مینانگری
(مالیگاوں)


ذہن و نگاہ و دل میں سمونے لگی غزل
ان کا خیال آتے ہی ہونے لگی غزل
پر نور ہوتا جاتا ہے دامن شعور کا
دل میں دُر حیات پرونے لگی غزل
کل زیست اس کے ناز اٹھاتی رہی مگر
اب زندگی کا بوجھ بھی ڈھونے لگی غزل
ہر لمحہ بے قرار تھی پھولوں کی سیج پر
اب ہنس کے خار زار پہ سونے لگی غزل
دل میں تڑپتی رہتی ہے پھولوں کی آرزو
ہر سانس دل میں خار چبھونے لگی غزل
سچائیوں کی فصل تو لہرائے گی ضرور
افکار سچ کے ، جھوٹ میں بونے لگی غزل
کھوئے ہوئے ہیں لوگ خیالوں میں غزل کے 
ارشدؔ ترے شعور میں کھونے لگی غزل
٭٭٭


ارشد مینانگری
(مالیگاؤں)


سوکھا پتہ پتہ ہے سوکھی ڈالی ڈالی ہے 
جانے کیسا موسم ہے جانے کیسا مالی ہے 
ہائے کیا شرافت کی بے بسی نرالی ہے 
اس نے خودکشی کر کے آبرو بچا لی ہے 
شعر و فن کے جوہر سے جس کی فکر خالی ہے 
وہ بھی آج غالب ہے وہ بھی آج حالی ہے 
کیا فریب کھایا ہے اپنی آرزوؤں نے 
رات اجلی اجلی تھی صبح کالی کالی ہے 
زندگی کے چہرے پر زندگی نہیں ملتی
عید ہے محرم سی غمزدہ دیوالی ہے 
چاہتے ہیں سب لینا جانتے نہیں دینا
کس کو کوئی کیا دے گا ہر کوئی سوالی ہے 
زندگی میں کر ارشد موت کی بھی تیاری
صبح زندگانی کی شام ہونے والی ہے 
٭٭٭


ارشد مینانگری
(مالیگاؤں)


تم تو پاس رہ کر بھی مجھ سے دور لگتی ہو
پھر بھی دل کو جانے کیوں بے قصور لگتی ہو
دل کو اب سجانے کی  اور پھر ضرورت کیا
میرے دل کو جنت میں تم جو حور لگتی ہو
کس لئے میں گھبراؤں ظلمتوں کی وحشت سے 
فکر کے اندھیروں میں جشن نور لگتی ہو
عشق کی حقیقت سے آشنا نہیں شاید
حسن کی نمائش میں پر غرور لگتی ہو
دل مرا محبت کی الجھنیں سمجھتا ہے 
انتظار کے غم سے چور چور لگتی ہو
بے رخی، محبت میں ، پیار کی علامت ہے 
روٹھنے منانے میں با شعور لگتی ہو
جب بھی دل مرا ارشد کیف سے ہوا خالی
تم کو دیکھ کر جھومے تم سرور لگتی ہو
٭٭٭


ارشد مینانگری
(مالیگاوں)

دشمنوں سے بھی دوستی کر لو
ہر اندھیرے میں روشنی کر لو
چار دن کی یہ زندگانی ہے 
زندگانی میں بندگی کر لو
درد مندوں کا درد اپنا کر
غم کا احساس بھی خوشی کر لو
خوش نصیبوں پہ مر کے کیا حاصل
غم کے ماروں کی دلبری کر لو
بات ہے بات، بات کام نہیں 
بات کے ساتھ کام بھی کر لو
نا امیدی کی دھوپ سے بچ کر
کھیتی امید کی ہری کر لو
کل کا کیا، کل تمہیں ملے نہ ملے 
آج کا کام آج ہی کر لو
تم امیروں کی شان رکھتے ہو
ہم غریبوں کی مسخری کر لو
شاعری بھی ہے عبادت ارشدؔ
بندگی جیسی شاعری کر لو
٭٭٭


ارشد مینانگری
(مالیگاوں)

کاوشیں اپنی، اعتبار میں رکھ
جیتنے کا شعور ہار میں رکھ
نفرتوں کو بھی پیار ہو جائے 
اتنی تاثیر اپنے پیار میں رکھ
مانا محروم ہے بہاروں سے 
اپنا احساس تو بہار میں رکھ
کیسے اوروں پہ پائے گا قابو
پہلے خود کو تو، اختیار میں رکھ
قید ہے تیری، ان کی آزادی
خواہشیں اپنے ہی حصار میں رکھ
ورنہ پڑ جائے گا خسارے میں 
مستقل ہوش کاروبار میں رکھ
کوئی دشمن نظر ملا نہ سکے 
ایسی خوبی تو اپنے وار میں رکھ
وہ جو رہتا ہے منتظر تیرا
اپنا دل اس کے انتظار میں رکھ
ظلم کا ہمنوا نہ بن ارشدؔ
خود کو مظلوم کی پکار میں رکھ
٭٭٭


ابرار نغمیؔ
(رائسین)

پابندی آداب وفا میرے لئے ہے 
ہر فیصلۂ جرم و سزا میرے لئے ہے 
مدت ہوئی کاندھوں پہ مرے سر نہیں پھر بھی
ہر ہاتھ میں اک سنگ اٹھا میرے لئے ہے 
ممکن نہیں مر کر بھی کہیں نقل مکانی
یہ ارض وطن خاک شفا میرے لئے ہے 
تم ساتھ مرا چھوڑ دو کہ راہ میں آگے 
اک معرکہ کرب و بلا میرے لئے ہے 
حق گوئی کا انجام بھی معلوم ہے نغمیؔ
ہر گام پہ زخموں کی ردا میرے لئے ہے 
٭٭٭


ابرار نغمی
(رائسین)

کب اپنی وفاؤں کا صلہ مانگ رہے ہیں 
ہم صرف محبت کی فضا مانگ رہے ہیں 
واقف نہیں انجام بہاراں سے وہ شاید
کلیوں کے تبسم کی دعا مانگ رہے ہیں 
افسوس مرے دور کے یہ خضر و مسیحا
گذرے ہوئے لمحوں سے ضیا مانگ رہے ہیں 
خورشید صفت ہیں یہ گماں کل تھا جنہیں وہ
ذروں سے چمکنے کی ادا مانگ رہے ہیں 
اس حسن حنا بند پہ صرف دل و جاں کر
نغمیؔ اسی دامن کی ہوا مانگ رہے ہیں 
٭٭٭


ابرار نغمیؔ
(رائسین)

جو بارشوں میں تھا اماں ہوا اڑا کے لے گئی
وہ گھاس پھوس کا مکاں ہوا اڑا کے لئے گئی
وہ جس میں تذکرہ بھی تھا کسی کی بیوفائی کا
ورق ورق وہ داستاں ہوا اڑا کے لئے گئی
کہیں پہ شب کہیں سحر نصیب بن گیا سفر
تھا شاخ گل پہ آشیاں ہوا اڑا کے لئے گئی
وہ رد ہو یا قبول اب، مری دعائے نیم شب
لبوں سے سوئے لامکاں ہوا اڑا کے لئے گئی
خرد کی آنکھ سے کھلا ہے رونق حیات کیا؟
سراب تھا مرا گماں ہوا اڑا کے لئے گئی
مسرتوں کے چند پل، خواہشات کے محل
چلیں وہ غم کی آندھیاں ہوا اڑا کے لے گئی
کسی سے نغمیؔ کہتا کیا میں دیکھتا ہی رہ گیا
مری قبا کی دھجیاں ہوا اڑا کے لئے گئی
٭٭٭


سکندر عرفان
(کھنڈوہ)

یہ شان و شوکت رہے گی کیسے 
محل کی عظمت رہے گی کیسے 
سب اپنے مطلب کے ہیں پجاری
دلوں میں الفت رہے گی کیسے 
نہ ہو اگر فکر میں حرارت
قلم میں طاقت رہے گی کیسے 
بدی کے کاجل کی کوٹھری میں 
یہ نیک عزت رہے گی کیسے 
جواں ہے عرفانؔ بوئے الفت
وہاں عداوت رہے گی کیسے 
٭٭٭


سکندر عرفان
(کھنڈوہ)

جب جب میری فکر پہ غم کا پہرہ لگتا ہے 
آنکھوں کا شاداب چمن بھی صحرا لگتا ہے 
جب بھی خوشیاں رقص کناں ہوتی ہیں آنگن میں 
وحشت سی ہوتی ہے مجھ کو ڈر سا لگتا ہے 
بربادی کے اتنے مناظر دیکھے ہیں ان آنکھوں نے 
کالی آندھی پھر آئے گی ہر پل ایسا لگتا ہے 
جنگل کے سناٹے جیسے شہروں میں در آئے ہیں 
شام ڈھلے ماحول گھروں کا سونا لگتا ہے 
زندگی جس کی فطرت ٹھہری ہر دم ڈستے ہی رہنا
جرعہ جرعہ زہر بھی اس کا میٹھا لگتا ہے 
روز و شب عرفانؔ گزر جاتے ہیں کیسی سرعت سے 
ایک برس بھی بیت کے اب تو لمحہ لگتا ہے 
٭٭٭


سکندر عرفانؔ
(کھنڈوہ)

پل بھر کی زندگی کے ہیں کردار مختلف
میں اور میرے مونس و غمخوار مختلف
انگلی کٹی تو چرچے مرے قتل کے ہوئے 
کمرے میں تھا اور تھے اخبار مختلف
جب جب بھی اس کو دیکھا ہے میں نے قریب سے 
مجھ کو لگی ہے زندگی ہر بار مختلف
الفاظ اپنے آپ میں جتنے حسین تھے 
ان سے تھی اتنی صورت اظہار مختلف
ہم نے تمہارے شہر میں محسوس یہ کیا
اپنوں سے دوستو نہیں اغیار مختلف
عرفانؔ ان میں رنگ ضیاء ۱؎ہے تو کوئی بات
تم نے جو عمر بھر لکھے اشعار مختلف
٭٭٭


سکندر عرفان
(کھنڈوہ)

ہر رگ یوں تو شہر کی رعنائیوں میں تھا
اور میں کہ محو اپنی ہی تنہائیوں میں تھا
زخمی بدن سے رستی رہیں مسکراہٹیں 
احساس میرا روح کی گہرائیوں میں تھا
میری نگاہیں خود ہی مجھے ڈھونڈتی رہیں 
افسوس میں بھی اپنے تماشائیوں میں تھا
اک موڑ تک جو بن کے رہا میرا ہم سفر
پھر اس کے بعد دیکھا تو ہرجائیوں میں تھا
عرفان میکدوں سے تو حاصل نہ ہو سکا
وہ نشہ وہ سرور جو انگڑائیوں میں تھا
٭٭٭


رشید عارف
(ممبئی)

جبراً تمہیں پانا تمہیں کھونے کی طرح ہے 
یوں میرے ہوئے تم تو نہ ہونے کی طرح ہے 
آنکھوں میں نمی سی ہے مگر لب پہ ہنسی ہے 
یہ ہنسنا مرا ہے کہ جو رونے کی طرح ہے 
جو زلف تری پائے گا زر دار بنے گا
ہر بال تری زلف کا سونے کی طرح ہے 
ساتھی میرے جیون کا نہیں کوئی بنے گا
رہتا ہوں میں جس گھر میں وہ کونے کی طرح ہے 
عارفؔ غم ہستی لئے ہر جا ترا جانا
رستے پہ یہ اک بوجھ ہی ڈھونے کی طرح ہے 
٭٭٭


رشید عارف
(بمبئی)

ہم سکوں ڈھونڈنے کدھر جائیں 
شور ہنگامہ ہے جدھر جائیں 
شب سے پہلے ملے گا کوئی
دن میں ہم ملنے کس کے گھر جائیں 
آندھیاں بار بار چلتی ہیں 
چاہتی ہیں کہ ہم بکھر جائیں 
پھر یہ سوچیں گے دل ملیں کیسے 
پہلے حالات تو سدھر جائیں 
ایسی برکھا کبھی تو ہو عارفؔ
بھیگ کر جس میں ہم نکھر جائیں 
٭٭٭


رشید عارف
(بمبئی)

دھن ہے تمہارے پاس تو عزت خرید لو
اور دھن نہیں ہے پاس تو ذلت خرید لو
ہر شے دوکان میں ہے سجی اپنے شہر میں 
تم سے خریدو چاہے محبت خرید لو
لاٹھی ہے جس کے پاس اسی کے یہاں ہے بھینس
جتنی خرید سکتے ہو طاقت خرید لو
راحت خریدنا کہاں اپنے نصیب میں 
اپنے نصیب میں ہے مصیبت خرید لو
تم کو خریدنی ہے اگر کوئی سستی شئے 
ہر شئے سے سستی ہے مری محنت خرید لو
عارفؔ پرانی شئے کے قدر داں تمہیں تو ہو
ڈھونڈو اگر ملے تو شرافت خرید لو
٭٭٭



آفتاب احمد آفتاب
(جبل پور)


سزائے موت بدن سے لپٹ نہ جائے کہیں 
مرا گواہ اچانک پلٹ نہ جائے کہیں 
دلوں کا درد نگاہوں سے ہٹ نہ جائے کہیں 
جو گھر ہے آج وہ کمروں میں بٹ نہ جائے کہیں 
مری ہر ایک بلندی پہ جس کا سایا ہے 
اسی کا ہاتھ مرے سر سے ہٹ نہ جائے کہیں 
ابھی تو صرف زمیں ہے فساد کے پیچھے 
یہ آسمان کسی روز بٹ نہ جائے کہیں 
مرے بزرگ مری وسعتوں کے طالب ہیں 
مرا وجود حدوں میں سمٹ نہ جائے کہیں 
٭٭٭


آفتاب احمد آفتابؔ
(جبل پور)

تصور میں جنت کا گھر گھومتا ہے 
مگر دل میں محشر کا ڈر گھومتا ہے 
کئی لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جن کی
دعاؤں کے آگے اثر گھومتا ہے 
مرا خون جب مجھ سے باغی ہوا تھا
جو اس دن کی سوچو تو سر گھومتا ہے 
یہاں ایسے بے خوف پھرتا ہے قاتل
کہ پانی میں جیسے مگر گھومتا ہے 
فسادات اک بار دیکھے تھے میں نے 
ہمیشہ اب آنکھوں میں ڈر گھومتا ہے 
٭٭٭



محمد ہارون سیٹھ سلیم بنگلوری
(بنگلور)

جو دنیا میں صدیوں سے رہتے ہیں لوگ
ہیں بندر کی اولاد، کہتے ہیں لوگ
کہتے ہیں حیوان ناطق انہیں 
مگر خوب سجتے سنورتے ہیں لوگ
کرتے ہیں بیڑا جو  اوروں کا غرق
وہی کیوں جہاں میں ، ابھرتے ہیں لوگ
نظر آ گیا جب بھی مال و منال
معاً آہ ٹھنڈی، اک بھرتے ہیں لوگ
کرتے ہیں توبہ کئی ایک بار
مگر پھر غلط کام کرتے ہیں لوگ
کریں ان کی باتوں پہ کیسے یقیں 
وعدہ جو کر کے مکرتے ہیں لوگ
خود اپنے پہ ان کو بھروسہ نہیں 
باتیں جو  اوروں کی سنتے ہیں لوگ
عزیزوں کو دیکھا جو آسودہ حال
تو سرتاپا اپنوں سے جلتے ہیں لوگ
اگر آ گیا روبرو مالدار
تو پھولوں کی مانند، کھلتے ہیں لوگ
کہیں نیک راہوں پہ چلنے انہیں 
تو کج راستے پر ہی چلتے ہیں لوگ
ہے صبر و تحمل پہ جن کو یقیں 
وہ چپ کے سے دکھ درد سہتے ہیں لوگ
نہیں جن کا دنیا میں کوئی جلیس
اکیلے وہ جیتے ہیں مرتے ہیں لوگ
یہ دنیا ہے نار سقر اے سلیمؔ
ازل تا ابد جس میں جلتے ہیں لوگ
٭٭٭


محمد ہارون سیٹھ سلیم بنگلوری

نہ تنہا گھر میں رہتی ہے نہ باہر نکلتی ہے 
اے لڑکی تو بڑی شاطر ہے ، کیسی چال چلتی ہے 
ترے دیدار کی خاطر چمن میں روز آتا ہوں 
کہا تھا مجھ سے گلچیں نے ، سحر دم تو ٹہلتی ہے 
مجھے ایک بار تیری مسکراہٹ دیکھ لینے دے 
یہی اک ہے جو دل کا راز چہرے سے اگلتی ہے 
سیاستدان ہیں جو نت نئے تیور بدلتے ہیں 
حسینہ تو بھی ان کی طرح کیوں تیور بدلتی ہے 
کبھی میں سوچتا ہوں خاک کر ڈالوں اسے یکسر
تری تصویر جو چھاتی پہ مری مونگ دلتی ہے 
اچھلنا کودنا ہے شغل بچوں کا مرے ہمدم
جواں سالی میں جان جاں تو اتنا کیوں اچھلتی ہے 
میں تیرے نام کی مالا جو صبح و شام جپتا ہوں 
ترا جب نام لیتا ہوں تو دنیا مجھ پہ جلتی ہے 
خدا نے حسن کے سانچے میں ڈھالا ہے تجھے جانم
فقط اک تو ہے جو سانچے میں آسانی سے ڈھلتی ہے 
تری اپنی سہیلی کی ہے تجھ پہ نظر بد ہر پل
تجھے جب دیکھتی ہے وہ کف افسوس ملتی ہے 
مرا الطاف نامہ تجھ کو شاید مل گیا ہو گا
رفیقوں کا یہ کہنا ہے اسی سے دال گلتی ہے 
جوانی چند روزہ کی، بڑھاپا جاودانی ہے 
بڑھاپا سب کو آتا ہے جوانی سب کی ڈھلتی ہے 
خدارا تو مری امید کو نومید مت کرنا
ملن کی تجھ سے میرے دل میں جو امید پلتی ہے 
پگھل جائے گا دل اس کا بھی دیکھو گے سلیمؔ اک دن
وہ مثل شمع ہے جو صبح تک جل کر پگھلی ہے 
٭٭٭


شکیل ابن شرف دھولیوی
دھولیہ

کہیں تکرار سے بھی مسئلہ حل ہونے والا ہے 
نہ اس کے منہ پہ تالا ہے نہ اس کے منہ پہ تالا ہے 
یہ کب معلوم تھا الزام مجھ پہ آنے والا ہے 
کہ میری چپ کا اس نے  اور ہی مطلب نکالا ہے 
یہ میرا فرض بنتا ہے کہ اس کے ہاتھ دھلواؤں 
سنا ہے اس نے میری ذات پر کیچڑ اچھالا ہے 
نہیں معلوم میرا ذکر کس انداز سے آئے 
محبت کے تعلق سے وہ کچھ فرمانے والا ہے 
انانیت نے تنہا کر دیا مجھ کو زمانے میں 
نہ کوئی ہم نوالا ہے نہ کوئی ہم پیالا ہے 
مخالف مجھ سے ٹکرا کر بالآخر لوٹ جائیں گے 
ہوائیں پھر ہوائیں ہیں ہمالا پھر ہمالا ہے 
شکیل آخر گلے میں پھنس گئے ہم اپنے دشمن کے 
ہماری سادگی سے وہ سمجھا تر نوالا ہے 
٭٭٭


فاروق اقبال ابن غریب دھولیوی
دھولیہ

خوابوں کی انجمن میں اجالا کریں گے ہم
سو جائے جب زمانہ تو آیا کریں گے ہم
ہم آشنائے درد محبت ہیں دوستو
رونے میں لطف آتا ہے رویا کریں گے ہم
آہ و فغاں کو سن کے فلک مسکرائے گا
بے تابیوں کو اپنی نہ رسوا کریں گے ہم
کب کا گزر چکا ہے بہاروں کا قافلہ
جشن کہن کی یاد سے بہلا کریں گے ہم
ہاں یاد آیا کوئی یہیں محو رقص تھا
کب تک غبار وقت کا پیچھا کریں گے ہم
کچھ دیر ساتھ رہ کے چلا جائے گا کوئی
بے چارگی پہ اپنی ہی رویا کریں گے ہم
اک سائباں مہکتا رہے زلف ناز کا۔!
اقبال اسی کے سائے میں سویا کریں گے ہم
٭٭٭


محبوب راہی
(آکولہ)

ہم جانتے ہیں کیسے ہیں کتنے بڑے ہیں آپ
ہر اہل اقتدار کے در پر پڑے ہیں آپ
اس قامت بلند پہ مت ناز کیجئے 
بیساکھیاں ہیں جن کے سہارے کھڑے ہیں آپ
کوئی توقع آپ سے کیونکر بھلا رکھے 
بیگانہ ضمیر ہیں چکنے گھڑے ہیں آپ
موسوم دل کو ایک انگوٹھی سے جو کریں 
ہیرے کی طرح دل میں ہمارے جڑے ہیں آپ
پھر میرے سچ کو چاہے نہ تسلیم کیجئے 
لیکن جو اپنے جھوٹ پہ ناحق اڑے ہیں آپ
جس کی کھٹک سے چین ہمیں لمحہ بھر نہیں 
اک کیل بن کے دل میں ہمارے گڑے ہیں آپ
راہی یہ نام  اور یہ شہرت یہ جو بھی ہے 
ٹیلہ ہے ایک ریت کا جس پر کھڑے ہیں آپ
٭٭٭


ڈاکٹر محبوب راہی
(آکولہ)

جو اتفاق نہیں ہے تو اختلاف کرے 
وہ اپنے شیشۂ فکر و نظر کو صاف کرے 
موافقت میں کرے یا مرے خلاف کرے 
کرے جو بات مرے ساتھ صاف صاف کرے 
کہا ہے دوست انھیں اس منافقت کے لیے 
مرا ہر ایک شناسا مجھے معاف کرے 
وجود حق ہے وجود حیات کا مظہر
وجود حق سے کوئی کیسے انحراف کرے 
جو چاہتا ہے کہ میں پارسا اسے سمجھوں 
وہ پارسائی کا میری بھی اعتراف کرے 
کسی کے در کی کہاں تک کرے جبیں سائی
کسی کے گھر کا کہاں تک کوئی طواف کرے 
میں ساری نیکیاں دریا میں ڈال آیا ہوں 
زمانہ اب تو خدارا مجھے معاف کرے 
ہر ایک صبح کرے وقت اک نئی ایجاد
ہر ایک شام نیا ایک انکشاف کرے 
حصار وقت اگر کوئی توڑ سکتا نہیں 
تو کم سے کم کسی دیوار میں شگاف کرے 
کوئی جو چاہے کہ حالات اس کو راس آئیں 
کرے جو کام وہ حالات کے خلاف کرے 
نکالے فن میں مرے نقص شوق سے راہیؔ
درست پہلے مگر اپنے شین قاف کرے 
٭٭٭



دل تاج محلی
(آگرہ)

یقیں خدا پہ بھروسہ قران پر رکھئے 
پھر اعتماد بھی اپنی اڑان پر رکھئے 
دلوں کی بات کہیں کھل نہ جائے لوگوں پر
جنوں کا دور ہے قابو زبان پر رکھئے 
نہ جانے کون فرشتہ اتر کے آ جائے 
زمیں پہ رہ کے نظر آسمان پر رکھئے 
ابھی سند نہ عطا کیجئے صداقت کی
یہ فیصلہ بھی کسی امتحان پر رکھئے 
پہونچ تو جاؤں گا میں بھی خلاؤں کی حد تک
کوئی سوال تو پہلے اڑان پر رکھئے 
ہوائے سرد چلے گی تو کام آئے گی
سکھا کے دھوپ ابھی کچھ سائبان پر رکھئے 
لچک کے کڑیاں بھی ٹوٹ جائیں گی اے دل
کسی کا بوجھ نہ کچے مکان پر رکھئے 
٭٭٭


خلیل انجم
(کامٹی)

حق بات کو اک مطلع انوار سمجھنا
دنیا کو چراغ رسن و دار سمجھنا
اے دل یہی دستور ہے دنیائے وفا کا
تکلیف بھی وہ دیں تو سے پیار سمجھنا
یہ شہر منافق ہے ذرا دیکھ سمجھ کے 
دے پھول بھی کوئی تو اسے خار سمجھنا
ماتھے پہ مرے ہاتھ ہی رکھ دے دم رخصت
پل بھر کے لئے تو مجھے بیمار سمجھنا
ممکن ہے کسی روز مزاج اس کا بدل جائے 
دشمن جو ملے کوئی تو غم خوار سمجھنا
وہ اپنی محبت کا یقیں لاکھ جتائے 
اے دل تو اسے ریت کی دیوار سمجھنا
پرواز تخیل میں لطافت ہے ضروری
آسان نہیں وقت کی رفتار سمجھنا
یہ عہد جنوں ساز کی ایک دین ہے انجمؔ
تو سینۂ پر داغ کو گل زار سمجھنا
٭٭٭


عارف جمالی
(کامٹی)

جن کا اپنے سر لیا الزام تک
وہ نہیں لیتے ہمارا نام تک
سلسلہ چاک گریباں سے چلا
عاشقی میں جامۂ احرام تک
جرم ہے میری صدائے احتجاج
ان کو جائز امر قتل عام تک
گردشِ دوراں سے ہے کس کو مفر
عشق میں آغاز سے انجام تک
ترک الفت کو زمانے ہو گئے 
بھول بیٹھے راز داں کا نام تک
عشق کی مستی میں ڈوبے رہ گئے 
میر و غالب حافظ و خیام تک
تیری عزت تیری شہرت کے لئے 
تیرا عارف ہو گیا بدنام تک
٭٭٭


حامد لطیف حامد
(بمبئی)

جنوں کی رہبری نے آج اس منزل پہ پہنچایا
جہاں عقل و خرد کی ایک بھی مانی نہیں جاتی!
سر محفل اسے بہلانے کی کوشش تو کرتا ہوں 
دل تنہا کی لیکن خوئے زندانی نہیں جاتی!
متاع دین و دنیا لٹ گئی اب کچھ نہیں باقی
کلاہ کج سے پھر بھی بوئے سلطانی نہیں جاتی
منور ہے ذہن ہر دم عطائے فکر پیہم سے 
ترے صدقے خیالوں کی فراوانی نہیں جاتی
میں جب بھی ان کا چہرہ دیکھتا ہوں غور سے حامدؔ
تو آئینے میں اپنی شکل پہچانی نہیں جاتی
٭٭٭


جمال آرا
(کھنڈوہ)

مجھ کو دیتی ہے صدا، راہ گذار دنیا
چھوڑ دے پاؤں میرے آج غبار دنیا
لوٹ آنا کہ ملے گا در دل وا، تجھ کو
سر سے جس دن تیرے اترے خمار دنیا
اس کی مٹی میں تو شامل ازل ہی سے فساد
نہ رکا ہے نہ رکے گا یہ فشار دنیا
خاک پابند سلاسل نہیں رہنے والی
ٹوٹ جانا ہے بہر حال حصار دنیا
چار دن کی ہیں جمال آرا یہ چندا راتیں 
دائمی کب ہے میری جان، بہار دنیا
٭٭٭


شمیم فرحت کارنجوی

پھول قبائیں پہن کے دھوکا دیتے ہیں پتھریلے لوگ
اندر ہے گھنگھور اندھیرا باہر سے چمکیلے لوگ
زہر ہوا میں ، زہر فضا میں ، میرے شہر کا حال نہ پوچھ
سانپ بھی ڈر سے تھر تھر کانپے ہیں اتنے زہریلے لوگ
کچھ دن پہلے کچھ لمحوں تک، ان کا اپنا ساتھ رہا
شہد سے میٹھی باتوں والے پھول سے بھی شرمیلے لوگ
دنیا ہے مغموم، پریشاں انسانوں کا ایک ہجوم
صرف کتابوں میں ملتے ہیں بانکے ، چھیل چھبیلے لوگ
اپنا اپنا حوصلہ ہے یہ، اپنے اپنے ظرف کی بات
شیرو شکر کر ڈالے ہم نے کتنے کڑوے کسیلے لوگ
ہر کوئی حالات کے آگے سر کو جھکا دیتا ہے شمیمؔ
مشکل سے دوچار ملیں گے ہم جیسے بھی ہٹیلے لوگ
٭٭٭




رؤف خیر
(حیدرآباد)


دل رکھتے ہیں سینے میں جو لاوا نہیں رکھتے 
وہ درد تو رکھتے ہیں ، مداوا نہیں رکھتے 
ہر موڑ پہ  اوروں کے لیے  اور ہیں مولا
ہم تیرے سوا ملجا و ماویٰ نہیں رکھتے 
یلغار تو ہوتی ہے بہت دیدہ و دل پر
ہم ذہن میں کچھ تیرے علاوا نہیں رکھتے 
میدان بہت شاہ سواروں کے لیے ہیں 
جو حیلۂ اسباب و کجاوا نہیں رکھتے 
شہکار ہیں کیا کیا ہنر کوزہ گری کے 
 اور خام پڑے ہیں کوئی آوا نہیں رکھتے 
ایمان یہاں کوئی کسی پر نہیں لاتا
ہم بھی تو سند ہونے کا دعوا نہیں رکھتے 
نکلیں وہ ذرا کوچۂ سر بند انا سے 
کب ہم بھی در صدق و صفا وا نہیں رکھتے 
وہ لوگ سمجھ لیتے ہیں صحرا ہی کو سب کچھ
جو لوگ سمندر کا بلاوا نہیں رکھتے 
خوش ہیں تو ہیں خوش خیرؔ خفا ہیں تو خفا ہیں 
ہم حرف مذبذب کا چھلاوا نہیں رکھتے 
٭٭٭


اشتیاق کامل
(ناگپور)


فراوانی پہ زد کی، یہ ملال بے ذری کیا ہے 
حریص دولت دنیا، تری درد سری کیا ہے 
سکوں کے ساتھ مرنے بھی نہیں دیتی مجھے دنیا
ارے وقت دعا یہ کوشش چارہ گری کیا ہے 
سدا سر سجدے میں ، نیت دغا بازی میں ، دل کالا
اگر ہے یہ مسلمانی بتا پھر کافری کیا ہے 
نہ درس حق، نہ اصلاح زمانہ کا کوئی پہلو
ہو جس میں قافیہ بندی فقط، وہ شاعری کیا ہے 
غرور برتری سے جب ملی ابلیس کو ذلت
سنبھل اے آدمی کر غور تیری خودسری کیا ہے 
لڑا کر دو پڑوسی کو بنے ہے زاہد دوراں 
اگر یہ پارسائی ہے تو پھر فتنہ گری کیا ہے 
ہو فتنے کا اثر  اور میرے ایماں پر؟ ہے ناممکن
یہاں ابلیس جب بے بس ہے تو پھر سامری کیا ہے 
جو اپنے پاس ہو، اپنا ہے ، سب سے خوبصورت ہے 
مرے محبوب کے آگے بھلا حورو پری کیا ہے 
خزانے دو جہاں کے ، پاؤں کی ٹھوکر میں ہو جن کے 
نظر میں ان فقیروں کی شکوہ قیصری کیا ہے 
درو دیوار سے رشتہ نہ کوئی اہل خانہ سے 
یہی ہے گھر تمہارا تو بتاؤ بے گھری کیا ہے 
پتہ جس کو یہاں خود اپنی منزل کا نہیں کاملؔ
ہمیں آ کر بتاتا ہے اصول رہبری کیا ہے 
٭٭٭


رزاق افسر
(میسور)


واقف نہیں زمانہ اس کرب آگہی سے 
وابستہ جو رہا ہے تقویم زندگی سے 
رستے حیات کے سب مجھ کو عزیز لیکن
کر لی ہے میں نے توبہ تجدید دوستی سے 
تھے خوشگوار کتنے دام وفا کے دعوے 
دن رات پی رہا تھا میں زہر خامشی سے 
اپنائیت کے ہاتھوں مصلوب میں ہوا ہوں 
کس بات کا گلہ ہو راہ چلتے اجنبی سے 
اس کے سوا میں کچھ بھی، مانگوں نہیں خدایا
محفوظ رکھ جہاں میں ، الزام بزدلی سے 
ہر سانس جس سے لرزاں انصاف جس سے نالاں 
مانگوں پناہ ہر دم اس تیغ خسروی سے 
٭٭٭


شفق تنویر
(بھوپال)

جھوٹ ایسا سچ ہے آج کا، جس سے مفر نہیں 
یہ راستہ ہے غیر کا، اپنی ڈگر نہیں 
میری کتاب دل میں ، نشان کے طور پر
سوکھا گلاب، یا کسی تتلی کا پر نہیں 
آنکھیں ، زبان و ذہن کے مالک ہیں پھر بھی ہم
یوں جی رہے ہیں ، لگتا ہے کاندھے پہ سر نہیں 
دانش وری نے ہم کو کھڑا کر دیا وہاں 
ہے علم کل جہان کا، خود کی خبر نہیں 
سیندور کی سلامتی میرا ہے ہر قدم
بیوہ کی اجڑی مانگ مری رہگزر نہیں 
پہلے نیا عجوبہ، تراشے کوئی شفقؔ
یہ بھی غلط کہ عزت دست ہنر نہیں 
٭٭٭


امتیاز احمد دانشؔ
(آراء)

یہ کسی کو کچھ کہاں معلوم ہے 
کیوں مرے گھر کی فضا مغموم ہے 
سانس لینا ہو گیا دشوار اب
شہر کی اتنی فضا مسموم ہے 
جانے کیسے شہر نو میں آ گئے 
ہر خوشی ہر غم سے دل محروم ہے 
دیکھتا ہے کون اب اس کی طرف
جس کے گھر کا بام و در معدوم ہے 
کس طرح آخر مٹاتا میں اسے 
لوح ہستی پر غزل مرقوم ہے 
کوئی آتا ہی نہیں دانشؔ یہاں 
کب سے خالی اس مکاں کا روم ہے 
٭٭٭


سید عبدالحنان تبسم
(جبلپور)

 وقار اپنا رفاقت کھو رہی ہے
مرے دامن پہ آنسو بو رہی ہے
نہیں کوئی نگہباں اس چمن کا
خزاں آسودگی سے سو رہی ہے
مسرت ہے کہ اردو کی ترقی
دیار غیر میں بھی ہو رہی ہے
سحر نکلی ہے کہرے کی ردا سے
کلی شبنم سے پلکیں دھو رہی ہے
کرو آسیب سے اس کی حفاظت
اداسی بال کھولے سو رہی ہے
جواں ناکارہ بیٹے بھائی دختر
ضعیفی سارے رشتے ڈھو رہی ہے
تبسمؔ ابر یاراں کا ستم ہے
ہری کھیتی بھی مٹی ہو رہی ہے
٭٭٭

مراق مرزا
(ممبئی)


موتی ہے مری ذات کے اندر نہ سمجھنا
قطرہ ہوں فقط، مجھ کو سمندر نہ سمجھنا
ہے میری نظر میں یہ جہالت کی علامت
اپنے سے کسی اور کو بہتر نہ سمجھنا
ہر سمت جلے گھر اور بکھری ہوئی لاشیں 
یہ سچ ہیں ، انہیں خواب کا منظر نہ سمجھنا
ہاتھوں میں لئے امن کا پرچم یہ مسیحا
گدھ ہیں ، انہیں غلطی سے کبوتر نہ سمجھنا
محنت سے بدل سکتی ہیں قسمت کی لکیریں 
سوکھی ہوئی روٹی کو مقدر نہ سمجھنا
یہ عقل و ذہانت کی نشانی ہے یقیناً
کچھ بات زمانے میں سمجھ کر نہ سمجھنا
ممکن ہے مراقؔ اس میں نہاں کوئی خدا ہو
تم بھول سے پتھر کو بھی پتھر نہ سمجھنا
٭٭٭


مراق مرزا
(ممبئی)

یہ کیسا امتحان مرے سر پہ آ گیا 
پتھر کا آسمان مرے سر پہ آ گیا
قاتل کے راستے میں بچھائے گئے گلاب
اور قتل باغبان مرے سر پہ آ گیا
ڈھائے مجھی پہ موسم باراں نے بھی ستم
بارش ہوئی مکان مرے سر پہ آ گیا
صحرا کی تیز دھوپ سے جب جاں بہ لب ہوا
اک ابر مہربان مرے سر پہ آ گیا
قدموں سے اپنے شہر خموشاں نہ جا سکا
احسان کن فکان مرے سر پہ آ گیا
خوشیاں رہ حیات میں جس دم بچھڑ گئی
غم بن کے سائبان مرے سر پہ آ گیا
ظلمت بھرے جہاں میں تھی جگنو کی جستجو
تاروں کا کاروان مرے سر پہ آ گیا
کل نیند میں ، مراقؔ عجب معجزہ ہوا
اک گنج شائگان مرے سر پہ آ گیا
٭٭٭


اسحاق ملک
(حیدرآباد)

جلوہ رخ کی دعوت دینا
مری نظر کی قیمت دینا
کاسۂ عصیاں کیسے اٹھاؤں 
صدقہ شان رحمت دینا
ٹھہر ذرا اس کے آنے تک
عمر رواں ! دھوکا مت دینا
رزق تو ہر گھر میں بٹتا ہے 
ہاتھ میں لیکن برکت دینا
آپ نہ کرنا کوئی تکلف!
آپ مجھے ہر زحمت دینا
غم سارے تسلیم الٰہی!
غم سہنے کی طاقت دینا
بس یہ دعا ہے رب سے ملکؔ کی
علم کو ہوش و حکمت دینا
٭٭٭



اسحاق ملکؔ
(حیدرآباد)


تاب گویائی گئی، طاقت دیدار گری
تو نہ آیا تو بہت حالت بیمار گری
گو مرا حرف دعاؤں کے تصدق سے بچا
کڑکڑاتی ہوئی بجلی پس دیوار گری
فائدہ مند ہوا خود میرا برسوں کا سکوت
میرا کچھ بھی نہ گیا عزت اغیار گری
ہوش قاتل کے اڑے آہ سے مظلوموں کی
تھرتھراتے ہوئے ہاتھوں سے جو تلوار گری
سامنے مرے گرے جاہل مطلق کتنے !
میں گرا اور نہ میری قیمت اشعار گری
نسل نو کے ہوئے گمراہ خیالات ملکؔ
آج کے دور میں ہر وضع طرحدار گری
٭٭٭


عظیم انصاری
(جگتدل)

چرکے جو بار بار یہ کھاتا رہے گا دل
کب تک وفا کی رسم نبھاتا رہے گا دل
دیوار و در سے سبزہ اگاتا رہے گا دل
شاداب اپنے غم بناتا رہے گا دل
شاید اسی کے عزم سے ڈر جائے یہ ہوا
آندھی میں بھی چراغ جلاتا رہے گا دل
تم نفرتوں کے بیج کو بوتے رہو مگر
اس سرزمیں سے پیار اگاتا رہے گا دل
جب جب نئے خیال سے ٹکرائے گا دماغ
شعروں کو بے نظیر بناتا رہے گا دل
جب تم نہیں رہو گے تو جینے کا لطف کیا
اوروں کے ساتھ کیسے نبھاتا رہے گا دل
کچھ تو اسے قرار ملے زیست سے عظیمؔ
کب تک غموں کا بوجھ اٹھاتا رہے گا دل
٭٭٭


عطا عابدی
(پٹنہ)

خواہشوں کے بام و در، ارمانوں کی انگنائی چھین
زیست میں ہے کوئی رعنائی تو وہ رعنائی چھین
ڈھونڈنے سے بھی نہ پاؤ گے شکن بستر پہ تم
نیند کی دیوی نے رکھی ہے مری انگڑائی چھین
میں بھی اپنی بات اگر چاہوں تو منوا لوں مگر
بے بسی نے مجھ سے لی ہے قوت گویائی چھین
ان دنوں خلوت نشینی کی ضرورت ہے مجھے 
مجھ سے تو میرا خیال انجمن آرائی چھین
کل شہنشاہوں کے سر سے تاج زریں گر پڑے 
اے عطاؔ لی وقت نے آقاؤں سے آقائی چھین
٭٭٭


عارف ماہراروی
(آرا)

جب سیلاب کا قصہ لکھ
جل تھل دریا چڑھتا لکھ
زود نویسی جلدی چھوڑ
کم ہی لکھ اور اچھا لکھ
بارہ ماسہ لکھ لیکن
اپنا بھی کچھ قصہ لکھ
کتنا ٹیکس لگے گا اب کے 
کچھ اس کا اندازہ لکھ
کر بیٹھا جو کرنا تھا
کیا ہے اور ارادہ لکھ
الٹی سیدھی سن کر بات
ماہرؔ کو دیوانہ لکھ
٭٭٭


عارف ماہرؔاروی
(آرہ)

ذرہ ذرہ اس گلی کا کہکشاں ہونے کو ہے 
سن رہا ہوں خود زمیں اب آسماں ہونے کو ہے 
کارواں پہ دیکھئے کیا کیا نہ گذرے راہ میں 
راہ زن جب خود امیر کارواں ہونے کو ہے 
اس لئے کرتی ہے بلبل جمع تنکے رات دن
نذر آتش جانے کب یہ آشیاں ہونے کو ہے 
تم بچھاؤ بھی تو پہلے جانماز انقلاب
پھر تو صف بندی کی خاطر اذاں ہونے کو ہے 
ہے یقیں اک دن بدل دیں گے نظام کائنات
حوصلہ نام خدا اپنا جواں ہونے کو ہے 
آپ کا ماہرؔ بھی ہے اے دوستو شیریں کلام
وقت کی رو زیر آتش بیاں ہونے کو ہے 
٭٭٭


ش۔م۔عارف ماہراروی

کیا پوچھو ہو مجھ سے بھی مری ذات کا عالم
دیکھا کیا تا عمر فقط بات کا عالم
تھم جا ذرا اے گردش دوراں کہ وصیت
کر لوں کہ نہیں قبضے میں حالات کا عالم
شعلہ بھی ہے ، شبنم بھی ہے ، آفت بھی بلا بھی
آزادی گفتار و خیالات کا عالم
سرمایہ ہے اپنا وہی صدیوں کے لئے اب
گزرا ترے ساتھ جو لمحات کا عالم
یہ روح منور یہ تری زلف پریشاں 
اک صبح کا منظر ہے تو اک رات کا عالم
دل ہے کہ امنڈتا ہی چلا آتا ہے ماہرؔ
آنکھوں کی جھڑی ہے کہ ہے برسات کا عالم
٭٭٭


نجم الدین نجم
(بھوپال)

آ جا قرار بن کے دل بے قرار میں 
کب سے تڑپ رہا ہوں ترے انتظار میں 
تا عمر گھر میں بیٹھ کے یہ سوچتا رہا
کیا کہہ گئیں وہ مست نگاہیں خمار میں 
مجھ کو سکون دیتی نہیں نکہت چمن
جی چاہتا ہے آگ لگا دوں بہار میں 
یہ جانتے ہوئے بھی نشیمن بنا لیا
بجلی گرے گی اور گرے گی بہار میں 
میں تم کو بھول جاؤں مجھے بھول جاؤ تم
یہ اختیار میں ہے نہ وہ اختیار میں 
سنتا ہوں نجمؔ نیند میں قدموں کی آہٹیں 
یہ دولت فریب ملی انتظار میں 
٭٭٭


غلام معین الدین معین
(جاؤرہ)

جو راہ وفا میں وفا کر چلے 
نماز محبت ادا کر چلے 
انہیں یاد کرتا ہے اب تک جہاں 
جو ہر ہر قدم پر وفا کر چلے 
اندھیرے اجالوں میں گم ہو گئے 
چراغوں کی لو جب بڑھا کر چلے 
اصول محبت سے واقف نہیں ہیں 
نماز محبت قضا کر چلے 
وفا کیجئے اب وفا کیجئے 
محبت کے خواہاں صدا کر چلے 
معینؔ ان کو کہتے ہیں اہل خرد
جو خاروں سے دامن بچا کر چلے 
٭٭٭



غلام معین الدین معین
(جاؤرہ)

حسن تیرا ہے مثل نورستہ
دیکھ کے جس کو دل ہے شگفتہ
ان کی جفائیں ہیں دانستہ
اس لئے میرا دل ہے شکستہ
حال نہ پوچھو اب وحشی کا
پرنم آنکھیں دل ہے خستہ
کوئی سلیقہ سیکھے ان سے 
ان کی ادائیں ہیں شائستہ
چلنا سنبھل کر عشق کی راہ میں 
بہت کٹھن ہے اس کا رستہ
تو نے مجھے بدنام کیا ہے 
کہنے لگے مجھ سے برجستہ
چلئے معینؔ اس چورا ہے پر
جس سے جائے حرم کا رستہ
٭٭٭



رئیس انصاری
(لکھنو)

پھر آج ہم نے یہ ذلت قبول کر لی ہے 
امیر شہر کی دعوت قبول کر لی ہے 
ہمارے قتل کا لینا تھا انتقام جسے 
اسی نے خون کی قیمت قبول کر لی ہے 
مری نیام سے تلوار جب بھی نکلی ہے 
منافقوں نے اطاعت قبول کر لی ہے 
مکاں جب نہ ملا شہر میں غریبوں کو
تو مسجدوں میں سکونت قبول کر لی ہے 
ہمارے عہد کی سچائی لکھنے والوں نے 
ضمیر بیچ کے دولت قبول کر لی ہے 
٭٭٭


رئیس انصاری
(لکھنو)

وہ رنجشیں وہ مراسم کا سلسلہ ہی نہیں 
یہاں کسی میں وہ پہلے سا رابطہ ہی نہیں 
یہ خود سری پہ شرارت اسی کا حصہ ہے 
وہ کوئی کھیل محبت میں ہارتا ہی نہیں 
یہ اعتراف بھی گھبرا کے کر لیا میں نے 
میں چاہتا ہوں تجھے ، صرف سوچتا ہی نہیں 
اڑا کے لے گیا راتوں کی نیند آنکھوں سے 
وہ کم سخن جو کبھی مجھ سے بولتا ہی نہیں 
پکارتا ہوں اسی کو اسی کے چوکھٹ سے 
کواڑ جسم کے جو مجھ پہ کھولتا ہی نہیں 
تباہ ہو گئے خود داریوں میں دونوں رئیسؔ
وہ خود کو سونپ دے لیکن میں مانگتا ہی نہیں 
٭٭٭


عبدالحق غم
(دھولیہ)

تو نے ساقی مجھ کو تشنہ کام کیوں رہنے دیا
سامنے میرے یہ خالی جام کیوں رہنے دیا
داستان زندگی سے کاٹ دیئے میرا کام
مجھ سے نفرت تھی تو میرا نام کیوں رہنے دیا
ساری دنیا جانتی تھی آپ تو ہیں بے قصور
اپنے سر پہ آپ نے الزام کیوں رہنے دیا
جبکہ تیرے ہاتھ میں تھا انتظام میکدہ
تو نے ساقی میرا خالی جام کیوں رہنے دیا
کل قیامت میں کریں گے ہم سے کافر یہ سوال
صرف اپنی ذات تک اسلام کیوں رہنے دیا
تو مقدر کا دھنی تھا بن گیا جو راہبر
قوم و ملت کو مگر ناکام کیوں رہنے دیا
بس ذرا سے حوصلے کی تھی ضرورت راہ رو
منزل مقصود کو دو گام کیوں رہنے دیا
تو نے لکھنے کو لکھا سب کچھ مگر ائے ہم نشیں 
خط میں لیکن وہ سنہری شام کیوں رہنے دیا
آج کا جو کام تھا وہ کام کرنا تھا ضرور
کل پہ غم نے آج کا یہ کام کیوں رہنے دیا
٭٭٭


رفیق شاہین
(علی گڈھ)

خوش رنگ منظروں کی فضا ہیں تو آپ ہیں 
بارش ہیں ، بجلیاں ہیں گھٹا ہیں تو آپ ہیں 
ہے اپنے اپنے دل کی عقیدت پہ منحصر
پتھر ہیں مورتی ہیں خدا ہیں تو آپ ہیں 
مایوس زندگی کو ضرورت ہے آپ کی
بیمار کے لبوں پہ دعا ہیں تو آپ ہیں 
دامن پہ کائنات کے ہر سو، کرن کرن
تاروں کا چاندنی کا لکھا ہیں تو آپ ہیں 
معصوم دل کا پیار ہیں اہل وفا ہیں ہم
بے درد قاتلوں کی جفا ہیں تو آپ ہیں 
آ جائیے ادھر بھی اجالا لیے ہوئے 
مہتاب، آفتاب، دیا ہیں تو آپ ہیں 
ہر شخص کی نظر میں غلط ہیں تو صرف ہم
ہر فکر ہر عمل میں بجا ہیں تو آپ ہیں 
شاہینؔ جب بدلتی ہیں ، نظریں جناب کی
اک قہر ہیں ، غضب ہیں ، قضا ہیں تو آپ ہیں 
٭٭٭


رفیق شاہین
(علی گڈھ)

زمیں سے دور رہا آسماں سے دور رہا
جو بدنصیب ترے آستاں سے دور رہا
کسے کسے نہ کیا یاد اس نے محفل میں 
مرا ہی ذکر مری داستاں سے دور رہا
اکیلا پا کے اتر آئے مجھ میں سناٹے 
کہاں خیال ترا جسم سے دور رہا
بھٹک گیا مرے احساس کے اندھیرے میں 
وہ ایک خواب در کہکشاں سے دور رہا
عیاں اسی پہ ہوئے منزلوں کے نقش و نگار
سفر کی راہ میں جو کارواں سے دور رہا
مجھی سے کیوں ہے خفا میری منزل مقصود
سفر میں کب میں کسی امتحان سے دور رہا 
٭٭٭


رفیق شاہین
(علی گڈھ)

رات جب دل میں تری یاد کے لشکر نکلے 
توڑ کر اپنے کناروں کو سمندر نکلے 
تیری آنکھوں کی ستاروں سے بھری جھیلوں میں 
ڈوبنے والے مقدر کے سکندر نکلے 
میں نے بھی چاہا کہ پتھر سے دوں پتھر کا جواب
میرے اطراف میں شیشے سے بنے گھر نکلے 
محفلوں میں بھی لہو پیتا رہا سناٹا
گھر کی تنہائی سے گھبرا کے جو باہر نکلے 
جن کی عظمت کو کبھی میں نے کئے تھے سجدے 
انکو جب پرکھا تو وہ مجھ سے بھی کمتر نکلے 
جن کو سمجھا تھا سمندر وہ نکل آئے سراب
جو بظاہر کوئی قطرہ تھے سمندر نکلے 
٭٭٭


رفیق شاہین
(علی گڈھ)

بجز اس کے کوئی بتلائے کیا ہوں 
میں آب و خاک و آش ہوں ہوا ہوں 
مجھے مصلوب ہونا ہی پڑے گا
کہ میں بھی اس صدی کا دیوتا ہوں 
خوشی اور غم بھی دو عورت ہیں شاید
میں ان کا ہم سفر ہوں ہم نوا ہوں 
محبت کیا ہے کوئی مجھ سے پوچھے 
کہ میں بارود کے اوپر کھڑا ہوں 
یہاں میرے سوا کوئی نہیں ہے 
میں یوں مڑ مڑ کے کس کو دیکھتا ہوں 
کوئی رت کیوں مرے نزدیک آئے 
کہ میں جب آپ اپنا مقبرہ ہوں 
٭٭٭


سید نقیب حیدر
(بمبئی)

لکیروں میں مقدر ڈھونڈتا ہے 
وہ صحرا میں سمندر ڈھونڈتا ہے 
ہمارے سر ہیں نیزوں سے مخاطب
ہمارا جسم خنجر ڈھونڈتا ہے 
کوئی معصوم بچہ آسماں پر
ابابیلوں کا لشکر ڈھونڈتا ہے 
اجڑتا ہے اسی کا آشیاں جو
ہمارے شہر میں گھر ڈھونڈتا ہے 
برا ہو سچ کا جس سے ڈر کے حیدرؔ
ہر اک آئینہ پتھر ڈھونڈتا ہے 
٭٭٭


الحاج فیروز انصاری
(دھولیہ)

دکھائی دے گا سچ کہاں سے رشوتوں کے درمیاں 
کہ جھوٹ کا رواج ہے عدالتوں کے درمیاں 
اٹھا نہ پائے گا تو لطف اس حیات کا
گزر گئی جو زندگی شکایتوں کے درمیاں 
دغا، سزا، اہانتیں ، سبھی تھے حوصلہ شکن
میں پھر بھی زندہ رہ گیا ان آفتوں کے درمیاں 
یہی ہے آرزو اگر مقام خلد میں ملے 
دعا کا اہتمام کر تلاوتوں کے درمیاں 
دلوں پہ ان کے نقش ہیں ، زباں پہ ان کے تذکرے 
کوئی تو بات تھی کہیں خلافتوں کے درمیاں 
دلوں کا جوش سے ہے ربط، عقل کاہے ہوش سے 
دوانگی کا کام کیا فراستوں کے درمیاں 
ملے گلوں سے خوشبوئیں ، تو خار دیں گی سوزشیں 
ہے آسماں زمیں کا فرق فطرتوں کے درمیاں 
کبھی کبھی انا کو دور رکھ معاملات سے 
لے مصلحتوں سے کام بھی ضرورتوں کے درمیاں 
دی جس نے دعوت عمل، اسے شہید کر دیا
وہ تشنہ لب ہی رہ گیا عداوتوں کے درمیاں 
٭٭٭


محمد صدیق عالمؔ
(ایٹہ)

عجب یہ زندگی کا امتحاں ہے 
مرا دشمن ہی میرا مہرباں ہے 
کھٹکتا ہے حویلی کی نظر میں 
برابر میں جو اک کچا مکاں ہے 
کبھی تو روح سے محسوس کیجئے 
محبت کی الگ اپنی زباں ہے 
ستم دیکھو فسادوں کے لبوں پر
ہماری بے بسی کی داستاں ہے 
یہ بستی آندھیوں کی ہے یہاں تو
چراغوں کے مقدر میں دھواں ہے 
بدل دو اب ارادے ہجرتوں کے 
لہو میں تر بتر سارا جہاں ہے 
ضرورت کیا ہمیں دیوار و در کی
ہماری ملکیت سارا جہاں ہے 
نئی نسلوں کو یہ باور کرا دو
عداوت مستقل کار زیاں ہے 
سکوں اس میں کہاں پاؤ گے عالمؔ
یہ دنیا بے اماں تھی بے اماں ہے 
٭٭٭


عارف محمود آبادی

اس طرح مرہم حالات لگا دیتا ہے 
غم کے داغوں کو جس وقت مٹا دیتا ہے 
خود غرض لوگ بہت جلد بھلا دیتے ہیں 
کون اس دور میں الفت کا صلا دیتا ہے 
مری تقدیر میں شاید نہ وفا لکھی ہو
جس پہ کرتا ہوں بھروسہ وہ دغا دیتا ہے 
لاکھ چہروں کو نقابوں میں چھپائیں لیکن
آئینہ لوگوں کو سچائی بتا دیتا ہے 
روز یادوں میں ابھرتا ہے کسی کا چہرہ
دل کے بجھتے ہوئے شعلوں کو ہوا دیتا ہے 
٭٭٭


کیفی اسماعیلی کامٹوی
(کامٹی۔ ضلع ناگپور)

تمیز کیا اس کو خیر و شر کی ضمیر ہی جسکا مر چکا ہو
نہ کیوں وہ دوزخ کی راہ جائے کہ جسکا ابلیس رہنما ہو
یہی ہے مقصود آدمیت یہی ہے عنوان زندگانی
کرے وہ کام آدمی کہ جس سے تمام مخلوق کا بھلا ہو
اگر مرے بس میں ہوتی تو رکھ دوں بدل کے ایسا نظام عالم
کوئی تو کھاتا ہو من و سلویٰ کسی پہ فاقوں کی انتہا ہو
غلط حکومت نہیں تو کیا ہے غلط عدالت نہیں تو کیا ہے 
ہو ارتکاب گناہ جس سے اسی کی برات کا فیصلہ ہو
یہ اپنی کرنی ہی کا نتیجہ نہیں تو پھر اور کیا ہے لوگو
کہیں ہو سیلاب سے تباہی کہیں غضبناک زلزلہ ہو
وہ ملک اپنا ہی ہو کہ ہوں دوسرے ممالک اے ہم نشینو
وہاں ہو کیا امن کی توقع کہ خون ناحق جہاں دوا ہو
حسین ہے وہ حسین ہے وہ جو حق و باطل کے معرکے میں 
بدن ہو زخموں سے چور لیکن مقابلے پر ڈٹا ہوا ہو
نگاہ عالم سے گر پڑا وہ دوبارہ، گر کر نہ اٹھ سکا وہ
کہیں کا بھی رہ نہیں گیا وہ جو اپنے مرکز سے ہٹ گیا ہو
کب اس کی تذلیل کر رہا ہوں میں تجربے سے یہ کہہ رہا ہوں 
وہ ہے اک ارذل ترین انساں جو خود کو افضل سمجھ رہا ہو
کریں اگر غور تو ہے یہی بھی منافقت ہی کی اک علامت
وہ آدمی معتبر نہیں ہے خلاف وعدہ جو کر رہا ہوں 
زکوٰۃ و صدقات کے مسائل میں بڑے اہم ہیں اہل دولت
نہ ہو کبھی مال میں خسارہ اگر غریبوں کا حق ادا ہو
جو اہل فکرو نظر ہیں وہ میری سمت روئے سخن سمجھ لیں 
مٹا دو اس کو جلا دو اس کو کہ جس سے گندہ معاشرہ ہو
یہ جان کر لوگ ساتھ آئیں ہے راہ میری وہ راہ جس میں 
نفس نفس ایک امتحاں ہو قدم قدم ایک کربلا ہو
یہ ایک شاعر کی ہے علامت یہ ایک شاعر کی ہے حقیقت
دھواں نہ شعلہ ہی اٹھ رہا ہو مگر وہ پیہم سلگ رہا ہو
اسی شکستہ دل ایک فنکار کاہے اسم شریف کیفیؔ
جو بستر مرگ پر بھی تازہ کلام سب کو سنا رہا ہو
٭٭٭



عرفان پربھنی
(پربھنی)

ہمدرد اگر تجھ سا نہیں کوئی یہاں اور
اٹھ جائیں تیرے در سے تو ہم جائیں کہاں اور
روداد چمن آپ سناتے تو ہیں لیکن
کانٹوں کا بیاں اور ہے پھولوں کا بیاں اور
شاید میرے قاتل کو یہ معلوم نہیں ہے 
دھل کر چمک اٹھیں گے میرے خوں کے نشاں اور
اب جا کے کھلا وہ بھی ہے اک پیاس کا صحرا
تھا پہلے سمندر کے تعلق سے گماں اور
سنتے تھے کہ حق گوئی کے انعام بڑے ہیں 
دیکھا ہے میری آنکھوں نے عرفانؔ سماں اور
٭٭٭


عرفان پربھنی
(پربھنی)

ہوش جس وقت بھی آئے گا گرفتاروں کو
خس کی مانند اڑا ڈالیں گے دیواروں کو
زندگی کرنی ہے تم کو تو تڑپنا سیکھو
زنگ لگ جاتا ہے رکھی ہوئی تلواروں کو
زخم سینے پہ کسی کے نہیں آیا اب تک
آزمایا ہے بہت قوم کے سرداروں کو
اتنے اونچے بھی نہ اٹھو کہ سنبھل بھی نہ سکو
ہم نے گرتے ہوئے دیکھا کئی میناروں کو
بزدلی ہے کہ یہ نادانی ہے آخر کیا ہے ؟
لوگ اشکوں سے بجھانے لگے انگاروں کو
وہی رشوت وہی اغوا وہی خبریں عرفاں ؔ
ہم تو بن دیکھے ہی پڑھ لیتے ہیں اخباروں کو
٭٭٭



شاغل ادیب
(حیدرآباد)

کس طرح مکانات جلے سارے یکایک
اے شہر ترا چہرہ ہوا کیسا بھیانک
سورج کو پکڑے کے لئے صدیاں بھی ہیں کم
سورج کو پکڑ پائے گا کیا کوئی اچانک
سنسار کی منڈی کو ہوئے ختم، ہوئی عمر
بیکار کھڑا سود و زیاں سوچ ہے گاہک
ہے فرق بہت گیت میں اور شاعری میں خوب
ہوتا ہے کوی اور، الگ ہوتا ہے گائک
ہے خود روی شاغلؔ تری صد رشک کے قابل
اے مرحبا! تیرا کوئی رہبر نہ سہائک
٭٭٭


شاغل ادیب
(حیدرآباد)

بدنام نہ ہو آج کوئی فرد ہے یہ شرط
دنیا نہ کسی رخ پہ ملے گرد ہے یہ شرط
گر چاہتے ہو سارا لہو جسم کا لے لو
لیکن نہ ہو رخسار کوئی زرد ہے یہ شرط
مل جائے گا دنیا میں ہر آرام یقیناً
چلتے رہیں بس یوں ہی زن و مرد ہے یہ شرط
دل کہتا ہے چٹان پگھل جائے گی غم کی
لاوا نہ ہو اعمال کا اب سرد ہے یہ شرط
ہر شعر ترا پھول سا کھل جائے گا شاغلؔ
ہر شعر میں ہو پیار کا اک درد ہے ، یہ شرط
٭٭٭


حیدر علی ظفرؔ دیگلوری

کبھی ٹوٹے ہوئے دل سے نہ ہرگز بددعا دینا
مریض عشق ہوں یارو نہ زخموں کو ہوا دینا
نظر آتی نہیں منزل کہاں جاؤں کدھر جاؤں 
سدا الجھن میں رہتا ہوں مری منزل بتا دینا
نہ صہبا ہے نہ ساقی ہے نہ مستی ہے نہ پیمانہ
خطا کار محبت ہوں جو تم چاہو سزا دینا
مری بربادی قسمت پہ دنیا مسکراتی ہے 
مرے دلبر مجھے ہرگز نہ آنکھوں سے گرا دینا
اگر منظور قدرت ہو تو کیا غم اے جہاں والوں 
کہاں طاقت زمانے میں مری ہستی مٹا دینا
اگر سر کو قلم کر دیں تو کرنے دو ظفرؔ ان کو
تمہارا کام دنیا میں حقیقت کا پتہ دینا
٭٭٭


نجم الدین نجمؔ
(بھوپال)

جنگل پہ حکمرانی کا نقشہ مجھے بھی دے 
اللہ شیر جیسا، کلیجہ مجھے بھی دے 
تنہائیوں کا درد بھلا کب تلک سہوں 
دشت حنائی، پھول سا چہرہ مجھے بھی دے 
اس خیر کی لڑائی میں ، اے رب ذوالجلال
سب کچھ نثار کرنے کا جذبہ مجھے بھی دے 
بیٹھا ہوں ترے در پہ جھکائے ہوئے میں سر
طالب ہوں تیرے رحم کا، خواجہ مجھے بھی دے 
للٰہ تشنگی کا مری مت اڑا مذاق
دریا ہے تیرا نام تو قطرہ مجھے بھی دے 
میں بھی تو ایک نجمؔ درخشاں فلک کا ہوں 
جو بدرؔ کو دیا ہے وہ رتبہ مجھے بھی دے 
٭٭٭


رحمن ساز

یہ دل تمہاری ہی شئے ہے اسے سنبھالو حضور
وگر نہ جا کے سمندر میں پھینک ڈالو حضور
متاع غیر جو جائز ہے طمع زر کیلئے 
تو مال مفت بغل میں ذرا دبا لو حضور
چھپا ہے جھوٹ کہاں مصلحت کے پردوں میں 
لب خموش سے باہر ذرا نکالو حضور
در حرم پہ جھکے یا کہ پائے جاناں پر
تمہاری اپنی جبیں ہے جہاں جھکا لو حضور
تقاضا دیکھ گھٹاؤں کی بادہ مستی کا
یہ ترک مئے کو ذرا کل پہ شیخ ٹالو حضور
جو ساتھ چلنا زمانے کے ہے تمہیں دشوار
پھر اپنے رنگ میں دنیا کو رنگ ڈالو حضور
جب مولوی کی اذاں اور ہے ، تمہاری اور
پھر ڈیڑھ اینٹ کی مسجد الگ بنا لو حضور
کہا یہ کس نے کہ آساں حضور ہے حق کی تلاش
اب جا کے دار پہ طوق وفا سنبھالو حضور
نظام جنگ کی گردش میں ہو اسیر جو تم
تو  آ کے طیش میں زنجیر توڑ ڈالو حضور
جو اتنا زعم ہے صاحب کو ’’لیڈری‘‘ کا اگر
تو ساری دنیا کو انگلی پہ تم نچا لو حضور
ہے اختیار تمہارا کہ خاکسار کا نام
شہر میں جس طرح چاہو اسے اچھالو حضور
مچا رہا ہے بہت شور ساز شوریدہ سر
نکالو بزم خرد سے اسے نکالو حضور
سمجھنا چاہو اگر درد غیر کو اسے سازؔ
کسی کے دل کو کبھی اپنا دل بنا لو حضور
٭٭٭


وسیم اخترؔ علیگ
(علی گڈھ)

جو رہ خار دار چاہتے ہیں 
ہر قدم لالہ زار چاہتے ہیں 
شان یہ بھی ہے کج کلاہوں کی
دامن داغدار چاہتے ہیں 
ہم ترے غم کے وہ شناور ہیں 
درد کو بے کنار چاہتے ہیں 
ہم کو کل تک تھی دید کی خواہش
اب ترا انتظار چاہتے ہیں 
زندگی کا تو اعتبار نہیں 
ہم ترا اعتبار چاہتے ہیں 
جو انا کے حقیر بندے ہیں 
صرف اپنا وقار چاہتے ہیں 
کن محاذوں پہ لڑ رہے ہیں ہم
جیت کے بعد ہار چاہتے ہیں 
ہم کو اخترؔ جو خود شناس کرے 
لمحۂ شرمسار چاہتے ہیں 
٭٭٭


حسن رضا اطہرؔ
(بوکاروسیٹی)

صبح ہوئی تو دفتر جاؤ
شام کو اپنے ہی گھر جاؤ
شعر نہیں کہتے ہو اچھا
اس سے بہتر ہے مر جاؤ
اور بھی کچھ رسوائی ہو گی
اور ذرا کچھ اوپر جاؤ
باری باری سب کی باری
یار ہمیں بھی خوش کر جاؤ
ہائے رے اپنی قسمت کیسی
پڑھ لکھ کر بھی در در جاؤ
بھوک لگی ہے موت کی کب سے 
پیٹ کے اندر خنجر جاؤ
چھوڑو یہ آوارہ گردی
جاؤ اطہرؔ اب گھر جاؤ
٭٭٭


سعید اعظمی
(متھورا)

ذکر میرا کبھی گر بزم میں آیا ہو گا
تنگ نظروں نے بہت شور مچایا ہو گا
زندگی بحر جہاں میں ہے فقط مثل حباب
ہر بشر نے اسے صدیوں سے سجایا ہو گا
حسن غماز پر جو لعل گہر برسے ہیں 
عشق ناداں نے ہی یہ فرض نبھایا ہو گا
اس کی سازش سے بچے کوئی یہ ممکن ہی نہیں 
مسکراہٹ نے مشرف کو پھنسایا ہو گا
شاد و آباد زمانے میں رہا ہو گا وہی
جس نے الفت کا حسیں باغ لگایا ہو گا
آگ پانی سے بجھاتا ہے زمانہ لیکن
آگ کو آگ سے بش نے ہی بجھایا ہو گا
حق کے آگے ہی جھکے اس لئے ہرگز ہمدم
سر کو میں نے نہ کہیں اور جھکایا ہو گا
زہد و تقویٰ ہے سعید اعظمی اک راہ نجات
حق پرستوں نے سبق یہ ہی پڑھایا ہو گا
٭٭٭


ارشاد خان ارشادؔ
(ممبرا)

تیری یادوں کے زخم بھرتے ہیں 
روز جیتے ہیں روز مرتے ہیں 
گل، کلی، خار ہو کہ باد نسیم
ہم تو گلشن سے عشق کرتے ہیں 
رات کی تیرگی کے متوالے 
صبح دم روشنی سے ڈرتے ہیں 
دوڑتی زیست میں سکوں کی تلاش
ہم سے دیوانے روز کرتے ہیں 
سب کے عیبوں کو ڈھونڈ کے ارشادؔ
سامنے آئینے کے ڈرتے ہیں 
٭٭٭


سید طاہر حسین طاہرؔ
(ناندیڑ)

رنگ لائے گی بے بسی اب کے 
الجھنوں میں ہے زندگی اب کے 
دیپ جلتے ہی جل گیا سب کچھ
راس آئی نہ روشنی اب کے 
تو ہی آمادۂ سفر ہو جا
گھر نہ چھوڑے گی مفلسی اب کے 
جن سے بے لوث دوستانہ تھا
ہو گئی ان سے دشمنی اب کے 
کتنے خانوں میں بٹ گئی کہئے 
دوستی، بھائی چارگی اب کے 
جوتھے احسان مند برسوں سے 
ہو گئے وہ بھی اجنبی اب کے 
لگ رہی ہے خزاں نما طاہرؔ
خوبصورت بہار بھی اب کے 
٭٭٭


وصیؔ علوی
(علی گڈھ)

سانچۂ الفاظ میں دل کی جلن ڈھلنے کو ہے 
صفحۂ قرطاس پر نوک قلم چلنے کو ہے 
رحم کر اب رحم کر اے آفتاب زندگی
کاغذی ہر پیراہن کچھ دیر جلنے کو ہے 
غیر متحرک ہیں ساکت ہیں بڑی خاموش ہیں 
پھر مری آنکھوں میں کوئی خواب سا پلنے کو ہے 
ٹوٹنے کو ہے طلسم قید تنہائی زیست
میرے پیچھے اک ہجوم بیکراں چلنے کو ہے 
پھر عیاں ہونے کو ہے مشرق سے خورشید سحر
دائرے کی شکل میں اک آگ سی جلنے کو ہے 
اٹھنے والی ہے نقاب رخ کسی کی اے وصیؔ
شعلۂ رنگیں سے اب تار نظر جلنے کو ہے 
٭٭٭


ڈاکٹر قمر رئیس بہرائچی
(بہرائچ)

نہ مل مجھ سے تجھے ملنا اگر اچھا نہیں لگتا
مجھے بھی کوئی انساں بے ہنر اچھا نہیں لگتا
بڑائی طرف کی محتاج ہے اس کی نمائش کیوں 
اگر دستار چھوٹی ہو تو سر اچھا نہیں لگتا
بدلنا ہے تو وہ بدلے مری ہستی کو اے واعظ
مجھے مانگی دعاؤں کا اثر اچھا نہیں لگتا
عبادت میں ضروری ہے محبت بھی صداقت بھی
وگرنہ ہو حسیں کتنا بشر اچھا نہیں لگتا
یہاں ہر گام پر گو زندگانی مسکراتی ہے 
تمہارے بن کوئی منظر اچھا نہیں لگتا
رہے تم بھی تو ہو خانہ بدوشوں میں قمرؔ صاحب
تمہیں کیوں کر کسی مفلس کا گھر اچھا نہیں لگتا
٭٭٭


رفیق جعفر
(پونہ)

آنکھ کھلی اور سپنا ٹوٹا
جھوٹ سے میرا رشتہ ٹوٹا
باہر باہر اک سناٹا
میرے اندر شیشہ ٹوٹا
دل کو دل سے راہ ملی تھی
دل ٹوٹا تو رستہ ٹوٹا
جھوٹ سے جب بھی رشتہ جوڑا
سچ سے میرا ناطہ ٹوٹا
بکھر گیا جب باپ کا جیون
اس کا اک اک بچہ ٹوٹا
سننے والے چلے گئے تو!
جعفرؔ جی کا قصہ ٹوٹا
٭٭٭


کاملؔ  بہزادی
(بھوپال)

تمہاری طرح گل و برگ بھی سجیلے ہیں 
یہ رنگ رنگ کے چہرے بڑے نشیلے ہیں 
کسی کے ہاتھ سے مہدی بکھر گئی ہو گی
یہ آسمان پہ بادل جو پیلے پیلے ہیں 
ہمارا کوئی محافظ نہیں خدا کے سوا
تمہارے پاس حفاظت کے سب وسیلے ہیں 
جلا رہے ہیں جو بیواؤں کو چتاؤں میں 
ہمارے دیش میں ایسے بھی کچھ قبیلے ہیں 
سنے ہیں شوق سے شہزادیوں کے افسانے 
یہ ننھے منے سے بچے بڑے رنگیلے ہیں 
کہیں ہوا تو نہیں کوئی حادثہ کاملؔ
مکان کے در و دیوار گیلے گیلے ہیں 
٭٭٭


کاملؔ  بہزادی
(بھوپال)

وزیر بولنے لگے غلام بولنے لگے 
تمہاری سلطنت میں خاص و عام بولنے لگے 
اسے تعلقات میں کہوں کہ بے تعلقی
وہ چار بول بھی برائے نام بولنے لگے 
فرات تیرے پانیوں پہ کیا ہمارا حق نہیں 
دیار کربلا میں تشنہ کام بولنے لگے 
صراحیوں کے رقص سے دھنک فضا پہ چھا گئی
جب آفتاب ڈھل گیا تو جام بولنے لگے 
ستمگروں نے بولنے کا فن انہیں سکھا دیا
جو بے زبان تھے وہ صبح و شام بولنے لگے 
غزل کو اپنی اسطرح سجاؤ کاملؔ حزیں 
ہر ایک شعر میں ابوالکلام بولنے لگے 
٭٭٭


نجم الدین نجم
(بھوپال)

صورت ابر رواں ، دست شفا ہو جائیے 
چلچلاتی دھوپ میں ، سر پہ ردا ہو جائیے 
آئینے کے سامنے سجنا سنورنا چھوڑئیے 
ہو کے پروا خودی سے ، خوشنما ہو جائیے 
آپ اپنے آپ کو، اک دن فلک پر پائیں گے 
ہمسری کرنے سے پہلے ، خاک پا ہو جائیے 
آپ گر جی میں ٹھانی ہے تو پھر یونہی سہی
قتل انسانوں کا کر کے رہنما ہو جائیے 
کیا ضروری ہے کہ ہر، دیوانے پہ کر لیں یقیں 
دیکھ لیجئے اور تغافل آشنا ہو جائیے 
نجمؔ وہ مجبور ہو جائیں رچانے کے لئے 
اس قدر پسئے زمانے میں حنا ہو جائیے 
٭٭٭


ابرارنغمیؔ
(رائسین)

حصار خود پرستی سے رہا ہونے نہیں دیتی
ہے کیا شئے مجھ میں جو میرا ہونے نہیں دیتی
ذرا بھی کم دلوں کا فاصلہ ہونے نہیں دیتی
محبت کی یہاں قائم فضا ہونے نہیں دیتی
ہے ممکن دوستو دیر و حرم کے مسئلے کا حل
مگر کچھ لوگ ہیں جن کی انا ہونے نہیں دیتی
بظاہر میں جھکا دیتا ہوں سر دنیا کی نظر میں 
کسی کی یاد سجدہ ہی ادا ہونے نہیں دیتی
منور نور ماضی سے ہے اپنا حال و مستقبل
یہ خوش فہمی ہمیں کل سے جدا ہونے نہیں دیتی
خود اپنی ذات کا عرفان ہی نغمیؔ بلندی ہے 
تجلی صنم خود آشنا ہونے نہیں دیتی
٭٭٭



خضر ناگپوری

اٹھایا تم نے وفا کا سوال کیوں آخر
ہمارے بارے میں ایسا خیال کیوں آخر
سفر تو ہم کو ہے درپیش دھول مٹی کا
تمہارے چہرے پہ گرد ملال کیوں آخر
پتنگا کھیل رہا ہے چراغ کی لو سے 
ذرا سی جان اور اتنی مجال کیوں آخر
ہمارے جیسے یہاں اور بھی کئی ہوں گے 
ہمی کو دیتی ہے دنیا مثال کیوں آخر
زمانہ بولتا ہے جھوٹ وہ بھی شان کے ساتھ
مرے لئے ہوا کار محال کیوں آخر
وہ خضرؔ پہلا سا دستور رسم و راہ نہیں 
بدل گئی ہے زمانے کی چال کیوں آخر
٭٭٭


ڈاکٹر اشفاق انجم
(مالیگاوں)

آنسوؤں سے آبلوں تک آ گئی
آگ سینے کی لبوں تک آ گئی
جسم سے نکلیں گی اب پرچھائیاں 
شب جوانی کی حدوں تک آ گئی
اس قدر پھیلی شب تاریک تر
روشنی کی سرحدوں تک آ گئی
فاختاؤں تک غنیمت تھی مگر
بات تتلی کے پروں تک آ گئی
دشت تک خانہ بدوشی ٹھیک تھی
یہ مصیبت اب گھروں تک آ گئی
اب تو انجمؔ کوئی صورت ہی نہیں 
مصلحت دیدہ وروں تک آ گئی
٭٭٭


شفق آکوٹوی
(چھندواڑہ)

بنے گی خود نظر پیغامبر آہستہ آہستہ
اسے ہو گی مرے دل کی خبر آہستہ آہستہ
ضرورت ہے محبت میں بہت صبر و تحمل کی
محبت رنگ لاتی ہے مگر آہستہ آہستہ
وصال یار میں لمحوں کو لگ جاتے ہیں پر لیکن
شب فرقت کی ہوتی ہے سحر آہستہ آہستہ
چھپاتے ہیں رخ روشن نزاکت سے یو آنچل میں 
گھٹا چھاتی ہے جیسے چاند پر آہستہ آہستہ
ابھی تو درد فرقت میں تڑپنا اور کچھ دن ہے 
بھریں گے زخم دل کے بھی مگر آہستہ آہستہ
بہت ہی تنگ ہوتی ہیں شفقؔ راہیں محبت کی
کسی کے دل میں ہوتا ہے گذر آہستہ آہستہ
٭٭٭


حبیب راحت حبابؔ
(کھنڈوہ)

روز دیتی ہے خسارے پہ خسارے دنیا
روز ہوتا ہے دراز اور بھی کار دنیا
سوچتا ہوں کہ اسے آئینہ کر لوں میں بھی
دل سے اترے تو سہی گرد و غبار دنیا
اپنی وسعت کسی زنجیر کی محتاج نہیں 
تنگ ہوتا ے تو ہو جائے حصار دنیا
ہم زمانے سے نہیں ، ہے یہ زمانہ ہم سے 
ہم نہ ہوتے تو کہاں ہوتا مدار دنیا
آج ٹھوکر میں تمہاری میں عزیزو! لیکن
ہم بھی کل تک تھے کبھی شاہسوار دنیا
اور آئیں گے حبابؔ ہم سے سخنور اچھے 
اور ابھریں گے ابھی نقش و نگار دنیا
٭٭٭


حبیب راحت حبابؔ
(کھنڈوہ)

قلم شمشیر حق کا استعارہ ہو تو ہوتا ہے 
مگر طیبہ کی جانب سے اشارہ ہو تو ہوتا ہے 
تمہارے جاں نثاروں کو بھروسہ اپنے بازو پر
تلاطم خیز موجوں میں کنارہ ہو تو ہوتا ہے 
سر اپنا دے کے ہم اسلام کی عظمت بڑھائیں گے 
منافع ایسے سودوں میں خسارہ ہو تو ہوتا ہے 
تجھے اسلاف کی تاریخ گرما دے تو گرما دے 
کہ خون سرد تپ تپ کر شرارہ ہو تو ہوتا ہے 
شکم پر باندھ کر پتھر اسی کی راہ میں لڑنا
مزاج یار کو یہ بھی گوارہ ہو تو ہوتا ہے 
حبابؔ اک کابلی والے نے ثابت کر دیا پھر سے 
کہ شاہیں کا پہاڑوں میں گذارا ہو تو ہوتا ہے 
٭٭٭


حیدر علی ظفرؔ دیگلوری

ہر دل میں محبت کی اک جوت جگانا ہے 
دنیا کو محبت کے آداب سکھانا ہے 
سوئے ہوئے انساں کو اب پھر سے جگانا ہے 
اس پردۂ غفلت کو اک بار اٹھانا ہے 
مت پوچھ زمانے کی ناچیز حقیقت کو
اس ڈوبتی دنیا کا کوئی تو ٹھکانا ہے 
سرسبز گلستاں میں محبوب کے آنے پر
کلیوں کا مہکنا ہے بلبل کا ترانہ ہے 
بھر بھر کے پلا ساقی پینے کا مزہ آئے 
کچھ ہوش میں آنا ہے کچھ ہوش گنوانا ہے 
ائے لطف و کرم والے کچھ خاص عنایت کر
ناچیز ظفرؔ کا اب تو ہی تو دوانہ ہے 
٭٭٭


خلیل فرحتؔ کارنجوی

میرے لئے یہ حکم رقم کر دیا گیا
میں منفرد تھا، اس لئے ضم کر دیا گیا
اب جا کے آئی وجہ فسادات دھیان میں 
کثرت کے خوف سے ہمیں کم کر دیا گیا
کیا کیجئے ! کہ شہر کا دستور ہے یہی
جو سر جھکا نہیں ، وہ قلم کر دیا گیا
پنجوں کے بل کھڑے ہوئے بونے یہ سوچ کر
خوش ہیں ! کہ جیسے قد مرا کم کر دیا گیا
فرحتؔ کسی کو میری ضرورت نہیں رہی
قصداً مرا وجود، عدم کر دیا گیا
٭٭٭


انجم رضوی
(دھولیہ)

حاشیہ بردار شہ پر اب کرم آنے کو ہے 
مدح خوانی کے سبب دام و درم آنے کو ہے 
آہٹیں ، پتوں کی کھڑ کھڑ اور فضا میں ارتعاش
پھر کوئی ہنگامۂ دیر و حرم آنے کو ہے 
خاک پائے مصطفی سے کر لیں تابندہ جبیں 
دسترس میں آپ کی لوح و قلم آنے کو ہے 
ملتفت ساقی جو ہو تو محفل اغیار کے 
دل شکن ماحول میں لطف و کرم آنے کو ہے 
ہے گلستاں پر ابھی سایہ فگن فصل بہار
عیش و عشرت رونقیں ، ناز و نعم آنے کو ہے 
فکر پیہم، حسن ظن، جہد مسلسل کے طفیل
عالم بے چارگی! جود و کرم آنے کو ہے 
گر تجھے علم و ہنر، اپنا مقام آ جائے یاد
لوٹ کر پھر تاج سر، جاہ و حشم آنے کو ہے 
حاسدو! اب شاعری سے ڈھونڈ لو راہ فرار
پختگی اشعار میں ہو کر رقم آنے کو ہے 
مسند افتاء پہ انجمؔ وہ ہوا ہے جلوہ گر
اس کے قول و فعل اب پیچ و خم آنے کو ہے 
٭٭٭


شمیم فرحت کارنجوی

اترو کسی کے دل میں نگاہوں میں گھر کرو
جیسے بھی ہو حیات کو کچھ معتبر کرو
منزل کبھی نہ آئے گی چل کر تمہارے پاس
لے کر خدا کا نام اٹھو، اور سفر کرو
شہہ زور سے ہو قوت بازو کی گفتگو
کمزور کی خطاؤں کو بھی در گزر کرو
سر کو جھکاؤ اہل صداقت کے روبرو
باطل کا سامنا ہو تو سینہ سپر کرو
کچھ آخرت کی فکر ضروری ہے اے شمیمؔ
دو دن کی زندگی کو کرائے کا گھر کرو
٭٭٭


سعید اعظمیٰ
(متھورا)

اپنے کر دار کو ہر حال میں بہتر رکھنا
جذبۂ خیر ہو دل میں نہ کبھی شر رکھنا
ظلم سے جور سے دہشت سے نہ ہونا مرعوب
اپنے معبود کے در پر ہی جھکا سر رکھنا
در بدر مانگتا ایمان کی کمزوری ہے 
ہر طلب روبروئے خالق اکبر رکھنا
بیٹے کچھ دشمن ناموس تری تاک میں ہیں 
اپنے دامن میں چھپا ہوش کا خنجر رکھنا
تم ریا اور تکبر سے بچانا خود کو
عجز کی راہ میں قدموں کو بڑھا کر رکھنا
چوک سکتا ہے نشانہ سبھی ہتھیاروں کا
فتح دشمن کے لئے پیار کا نشتر رکھنا
چاہے قدرت نے تمہیں سارے شرف بخشے ہوں 
خود کو احساس میں ہمسایوں سے کمتر رکھنا
اچھے لوگوں سے رہ و رسم تمہیں لازم ہے 
خیر کا ذکر بروں سے بھی برابر رکھنا
اے سعیدؔ اعظمیٰ مایوس نہ ہونا ہرگز
قلب کو قوت ایماں سے مظفر رکھنا
٭٭٭


مجیب انصاری
(مؤ)

ہر کلی پریشاں ہے ، گلفشاں فضاؤں میں 
بے زباں محبت اب گھر گئی خطاؤں میں 
کس طرح پھیلیں گی خوشبوئیں خلاؤں میں 
اب تو خاک اڑتی ہے ہر طرف ہواؤں میں 
وہ اگر خفا ہوں گے پل میں ہی منا لیں گے 
رکھتے ہیں اثر اتنا اپنی ہم وفاؤں میں 
گردش زمانہ کی یہ ستم ظریفی ہے 
اجنبی سا لگتا ہوں اپنے آشناؤں میں 
میکشوں پہ چھائی ہے بن پئے ہی مدہوشی
وہ بلا کی مستی ہے آپ کی اداؤں میں 
ان کی بکھری زلفوں سے خوشبوئیں مچلتی ہیں 
بات یہ نہیں ہوتی سر پھری گھٹاؤں میں 
مٹ ہی جائے گا ظالم تیرا نام دنیا سے 
کچھ نہ کچھ تو رکھتے ہیں ، ہم اثر دعاؤں میں 
تم نے اتنے خانوں میں خود کو بانٹ رکھا ہے 
زور کچھ نہیں باقی، قوم کی صداؤں میں 
کاش کچھ گھڑی گذرے اے مجیبؔ اپنی بھی
راحت دل و جاں کے گیسوؤں کی چھاؤں میں 
٭٭٭


سوزؔ نجیب آبادی
(نظام آباد)

گلوں سے بچھڑے تو کانٹوں سے دوستانہ ہوا
ہمارے ساتھ بھی دنیا میں دوست کیا نہ ہوا
تمہارا نام تو دل میں چھپا لیا میں نے 
مری کہانی میں پیدا مگر مزا نہ ہوا
چٹان ٹوٹ کے رستے کے درمیان گری
ہٹا پہاڑ مگر پھر بھی راستا نہ ہوا
چڑھا تھا جسم پہ گمنامیوں کی دھند کا خول
مرے گذرنے کا رستے کو بھی پتا نہ ہوا
بدلتی رت میں مرا سوزؔ کیا بھروسہ ہے 
میں زرد پتہ ہوں کل شاخ پر ہوا نہ ہوا
٭٭٭


رزاق افسرؔ
(میسور)

حد سے چلیں جو آگے دانائیاں ہماری
دشوار ہو گئی ہیں آسانیاں ہماری
پوچھے نہ جھوٹے منہ بھی اسباب جبر کوئی
مصلوب ہو رہی ہیں سچائیاں ہماری
ہوش و خرد کے دعووں کی خیر ہو خدایا
در در بھٹک رہی ہیں بینائیاں ہماری
خاکے زمانے بھر کے ہم لکھ رہے ہیں لیکن
اپنی نظر سے اوجھل کوتاہیاں ہماری
کیا شاخ گل سے پوچھیں کیا گلستاں سے بولیں 
کیوں خواب بن گئی ہیں پروائیاں ہماری
گر منہ کھلے تو اپنی رسوائی اور ہو گی
بار گراں ہیں اس پر خاموشیاں ہماری
رشتوں کے تانے بانے خانوں میں بٹ گئے ہیں 
اپنی جگہ ہیں ثابت تنہائیاں ہماری
سورج مکھی کا دن ہو یا رات جگنوؤں کی
چلتی ہیں ساتھ سب کے محرومیاں ہماری
٭٭٭


آفتاب جبلپوری

سب کو اپنی طرح سمجھتے ہو
واقعی تم بہت ہی بھولے ہو
جھوٹ کو جھوٹ سچ کو سچ کہنا
جیسے کل تھے ابھی بھی ویسے ہو
آج کا وقت ہے نمائش کا
اور تم سادگی میں اٹکے ہو
فکر ہے سب کے خشک ہونٹوں کی
اس لئے تو جناب پیاسے ہو
آدمیوں کے شہر میں آ کر
تم فرشتہ تلاش کرتے ہو
کوئی دستار لے اڑے نہ کہیں 
سر پہ لوگوں کو کیوں بٹھاتے ہو
تم کو دہشت بھی ہے درندوں سے 
جنگلوں کی طرف بھی جاتے ہو
تم بھی کچھ دودھ کے دھلے تو نہیں 
ہاں مگر دوسروں سے اچھے ہو
٭٭٭


محمدیحییٰ جمیل
(امراوتی)

شخص جو وار کر گذرتا ہے 
زخم کی آنکھ میں ابھرتا ہے 
شام کے بعد کب ٹھہرتا ہے 
آفتاب امتحاں سے ڈرتا ہے 
آہوئے مشکیں بچ بھی جاتا ہے 
تیر لیکن ضرور مرتا ہے 
وسعتوں کی پناہ لیتا ہے 
استعاروں میں بات کرتا ہے 
آڑ لے کر بہار کی یحییٰؔ
گلشنوں میں کوئی سنورتا ہے 
٭٭٭


وفا نقوی
(علی گڑھ)

کبھی گھروں کا کبھی مندروں کا سناٹا
پکارتا ہے ہمیں راستوں کا سناٹا
بس ایک لمحے کی خاطر سہی زمانے میں 
کہیں سے دور کرو تو دلوں کا سناٹا
نہ جانے کون اڑا لے گیا ہے پانی کو
برس رہا ہے فقط بادلوں کا سناٹا
ملیں گی شہر انا میں بہت سی آوازیں 
کہاں سے لائے کوئی پربتوں کا سناٹا
ہم اپنی خواہش دنیا میں ہی رہے مصروف
صدائیں دیتا رہا مسجدوں کا سناٹا
میں روز رات کو سوتے سے جاگ جاتا ہوں 
یہ کن صداؤں نے چیرا شبوں کا سناٹا
٭٭٭


ڈاکٹر مقبول علی مقبول
(جبلپور)

زرد چہرے کو ہرا غم کو طرب کرتے ہیں 
کشف رنگوں کے سبھی خواب غضب کرتے ہیں 
ایسے ذرے جو زمیں سے نہ ابھرنے پائے 
حق وہ سورج کی شعاعوں کا طلب کرتے ہیں 
اپنی تہذیب و روایت کو بھلا کر ہم سب
اب بڑے فخر سے بچوں کا ادب کرتے ہیں 
یوں تو ہر چیز کی خوشبو ہے فضاؤں میں مگر
ہم ضرورت کے مطابق ہی طلب کرتے ہیں 
وہ پریشان مجھے دیکھ کے ہو جاتے ہیں 
خاکساری کو دعا ان کے سبب کرتے ہیں 
تجربہ ہم کو ہوا ہے یہ اکثر مقبولؔ
آدمی پر بھی اثر نام و نسب کرتے ہیں 
٭٭٭


فراز عارف
(آکولہ)

یوں تو ہم سے بھی کیا نہیں ہوتا
حق ہی سب کا ادا نہیں ہوتا
ترک کر دی ہے جب سے حق گوئی
ہم سے کوئی خفا نہیں ہوتا
ہم خبر تو سبھی کی رکھتے ہیں 
خود کا لیکن پتہ نہیں ہوتا
لاؤں میں انقلاب اب کیسے 
ساتھ کوئی کھڑا نہیں ہوتا
حوصلوں کو جلاء نہیں ملتی
جب تلک حادثہ نہیں ہوتا
میں نے مانا فرازؔ ہے سب کچھ
پیسہ لیکن خدا نہیں ہوتا
٭٭٭




نظمیں

اذاں ہو رہی تھی (فجر کی اذان کا منظر)

عمر فاروق اقبال
(دھولیہ)

اچانک رک گئی نبض کچھ دیر کی خاطر
سہم اٹھا وجود بحر و بر کچھ دیر کی خاطر
چمک بھولے رہے برق و شر ر کچھ دیر کی خاطر
وہیں کانپے چلے شمس و قمر کچھ دیر کی خاطر

اندھیرا رات کا سہما ہوا ڈھونڈے پناہوں کو
ندائے سحر نے روکا افق کے کج گلاہوں کو
کہا ساحل نے موجوں سے سمیٹو اپنی بانہوں کو
ابھی سوئے فلک اٹھنے سے تم روکو نگاہوں کو

طیوران چمن چہچہاٹیں رک گئیں آخر
ستاروں کی جبینیں بھی ادب سے جھک گئیں آخر
ہوا کے دوش پہ اڑتی گھٹائیں تھم گئیں آخر
فلک سے گر رہیں شبنم کی بوندیں جم گئیں آخر

ذرا سی دیر کو لرزش ہویدا تھی چٹانوں میں 
ملائک رک گئے جاتے ہوئے پھر آسمانوں میں 
کوئی جنبش نہ تھی خوشبو سمائی جا کے شاخوں میں 
سکوں اندر سکوں عالم رہا پھیلا فضاؤں میں 

اذان صبح کے ختم البیانی کی خبر آئی
سکوت بحر و بر ٹوٹا نئی دنیا ابھر آئی
سپیدی سرمئی رنگت لئے عالم میں در آئی
نیا سورج، نئی کرنیں ، نئی باد سحر آئی

اگرچہ سو رہا تھا یہ زمانہ نیند بھر آنکھیں 
خدا کا شکر کہ مجھ کو بتائیں راز کی باتیں 
٭٭٭



رباعیات
محسن جلگانوی
(حیدرآباد)

پیدا کرو خود میں بیداری یارو
چھوڑو اب یہ دنیاداری یارو
دنیا ہمیں منتشر کئے دیتی ہے 
کیوں آنکھ نہیں کھلتی ہماری یارو

بے مصرف ہے عہدہ، تمغہ سب کچھ
شہرت، پیسہ، چاندی، سونا سب کچھ
بہتر ہے کہ صاحب کر دار بنو
کر دار سے بڑھ کر نہیں ہوتا سب کچھ

جتنے بھی لوگ شہر میں رہتے ہیں 
اپنے تو سب سے اچھے رشتے ہیں 
اجداد نے بخشی ہے یہ تہذیب ہمیں 
دشمن سے بھی خلوص سے ملتے ہیں 

چرچا ہے تمام شہر میں ہر سو آج
بس نام کی رہ گئی ہے خوشبو آج
بے لطف ہوئی جا رہی ہے تہذیب اب
ہر گھر سے ختم ہو رہی اردو آج
٭٭٭


پتھر

ارشاد ہاشمی
(جرمنی)

مجھے در دیوار کعبہ سجایا گیا
مجھ کو جلوہ خدا کا دکھایا گیا
انساں کا مجھ میں ٹھکانہ رہا ہے 
میرا اس جہاں میں زمانہ رہا ہے 
سجدے کے لائق تو انسان ہے 
میری بتکدے میں بڑی شان ہے 
کئی میری قسمیں کئی رنگ ہیں 
میرے دام سن کر سبھی دنگ ہیں 
دنیا کے شیشے مجھے جانتے ہیں 
وہ نام سن کر میرا کانپتے ہیں 
یوں تو عجب میری تقدیر ہے 
پر لمبی میرے غم کی زنجیر ہے 
میں پتھر دلوں کی کہانی بنا ہوں 
پگھل کر کہیں پر میں پانی بنا ہوں 
گو دریا سمندر ہیں بھر نے گراں 
سینے سے میرے ہیں جھر نے رواں 
جیتے ہیں کیڑے مجھے چاٹ کر
کتنے بنتے ہیں رستے مجھے کاٹ کر
آگ میں ہوں کبھی میں جلایا گیا
میں ہر آنکھ میں ہوں لگایا گیا
راستے سے کبھی میں ہٹایا گیا ہوں 
کسی پر کبھی میں اٹھایا گیا ہوں 
مقدر کسی کے سہارا ہوں میں 
حسن کا خوبصورت نظارہ ہوں میں 
راستوں کی میں اکثر نشانی بنا ہوں 
محبت میں کسی کی کہانی بنا ہوں 
کوئی کاش ہوتی میری گر زباں 
تو سنتا کہانی میری پھر جہاں 
بے بسی مجھ کو میری گوارا نہیں 
پھر اس کے سوا کوئی چارا نہیں 
جہاں پھول ہے وہاں خار بھی ہے 
مجھ پہ چلنا ذرا سا دشوار بھی ہے 
میں جو پڑا ہوں زمیں پر ازل سے 
ہو گئی ہے مجھے ایک نسبت غزل سے 
کتنے دکھ میں نے ارشادؔ دل پر سہے 
دنیا مجھے پھر کیوں پتھر کہے 
٭٭٭

کاش!

منیر ارمان نسیمی
(بھدرک)

کاش میں انسان نہ ہوتا،
اک بے زبان جانور ہوتا
یا پرندہ…
یا کوئی شجر ہوتا،
تو مجھے مار نے ، کاٹنے والوں کی
باز پرس تو ہوتی…!
کوئی نیتا…
کوئی ابھینیتا…
یا کوئی سماج سدھارک میرے لئے 
آندولن کرتا…
دھر نے دیتا…
مورچے نکالتا…
میری حفاظت کے لئے سرکار سے لڑتا،
اس ترقی یافتہ دور میں …
جانور…کتنا مقدس و قیمتی ہو گیا ہے ،
 اور انسان…
جو اشرف المخلوقات ہے ،
ذات، دھرم، قوم، رنگ و نسل میں بٹ گیا ہے 
گاجر مولی کی طرح کٹ رہا ہے …
یا کاٹ رہا ہے ،
کوئی آہ بھی نہیں کرتا،
کاش میں انسان نہ ہوتا…!!
٭٭٭




ہیر رانجھا

قریشی جلال بھڑگانوی
(جلگاوں)

برسوں یہ پرانی ہے 
یاد ہو تم کو بھی
جو ہیر کہانی ہے 
٭

رانجھے ہیں وہاں اب تک
ہیر کی پائل جا
چھنکے ہیں جہاں اب تک
٭

پنجابی کہانی کا
سمجھو یہ قصہ ہے 
اپنی ہی جوانی کا
٭

بارات چلی آئی
ساتھ اپنے کیا کیا
سوغات چھپا لائی
٭

ٹکرائی نظر ان کی
ایک ہوئے دونوں 
 ہے داستاں یہ جن کی
٭

رانجھا تھا ہزارے کا
سامنے آ اس نے 
دل ہیر کا لوٹا تھا
٭

سویا سا گگن جاگا
چاندنی راتوں میں 
سرسوں کا چمن جاگا
٭


مل مل وہ سجن آتی
سانجھ سویرے جب
 بیلا جو ملن آتی
٭

اک رات عجب آئی
پوچھ نہ کہ اس نے 
 کیا کیا نہ غضب ڈھائی
٭

چہرے پہ شفق چھائی
لطف شبابی سے 
گھبرا کے وہ گھر آئی
٭

سوچا تھا بھلا ہو گا
معلوم نہ تھا کہ
انجام براہو گا
٭

اس پار کنارے سے 
چھنگ تو چلا آیا
 دشمن وہ ہزارے سے 
٭

کیا بیل چڑھے گلشن
جھنگ و ہزارے میں 
برسوں کے جوتھے دشمن
٭

تھی دشمنی لنگڑے کو
ہیر کی ڈولی پھر
کب جاتی ہزارے کو
٭

رنگپور میں تھے کھیڑے 
جان کے یہ چاچا
 خوش تھے وہ میاں لنگڑے 
٭


بارات لایا شیدا
ضد پہ اتر آیا
 چاچا بھی بہت لنگڑا
٭

دشمن نے یہ بھی کھیلا
ہیر کا تو آخر
رنگ پور گیا ڈولا
٭

پروان چڑھا دل میں 
جذبہ محبت کا
وہ خاک ہوا پل میں 
٭

کشتی بھی کنارے بھی
ڈوب گئے سارے 
قسمت کے ستارے بھی
٭


پیغام کوئی لائے 
کچھ تو خبر اس کی
کوئی تو سکھی لائے 
٭

پھر عشق نے بدلا تھا
اصل میں رانجھا تو
 جوگی نہ گوالا تھا
٭

اک بار چلا آیا
بھیس بدل رانجھا
گھر ہیر چلا آیا
٭

جاری تھا سفر آگے 
بھاگ نکل آئے 
 بھاری تھا سفر آگے 
٭


آگے تھے کئی برسوں 
تھک ہار کے سوئے 
 جاگے تھے کئی برسوں 
٭

دنیا کیا بھلاتی ہے 
داستاں رانجھے کی
 یہ اب بھی سناتی ہے 
٭٭٭



اندھا ہو جانے پر
(ملٹن کی نظم On His Blindness  کا ترجمہ)
ڈاکٹر شباہت علی خاں (جرمنی)


آنکھوں کے دیپ بجھ گئے جب نصف راہ میں 
کچھ سوجھتا نہیں ہے جہان سیاہ میں 
بے کار چیز ہے تو کہاں ناتواں رہے 
یہ موت ہے کہ سینے میں جوہر نہاں رہے 
ہے دفن دل میں خدمت خالق کی آرزو
ڈرتا ہوں روز حشر نہ مجھ پہ ترش رو
یہ سوچنے لگا تو ہنسی میں کیا سوال
اندھے کی غفلتوں سے خدا کو ہو کیوں ملال؟
سن کر گلہ یہ صبر نے فوراً دیا جواب
نادان، تیرے دل میں ہے کیوں اتنا پیچ و تاب
تیرے کسی عمل کی ضرورت نہیں اسے 
نذرانہ و نیاز کی حاجت نہیں اسے 
اس شاہ بحر و بر کے تو بندے ہیں صد ہزار
خدمت گذاریوں میں جو رہتے ہیں بے قرار
ہو سہل بندگی تو ہے وہ سب سے معتبر
زور عمل پہ کب ہے کرم اس کا منحصر
ان کا بھی بادشاہ کے بندوں میں ہے شمار
چپ چاپ جو کھڑے ہوئے کرتے ہیں انتظار
٭٭٭



شیکسپیئر 
(میتھو آرنلڈ کی نظمShakespeare  کا منظوم ترجمہ)
ڈاکٹر شباہت علی خاں (جرمنی)

سب کا ہی سخن دیکھا، سب اہل سخن جانے 
تو راز ہے سربستہ کیسے کوئی پہچانے 
دنیا کے سوالوں پر اک تیرا تبسم ہے 
سرمایہ جاں تیرا خاموش تکلم ہے 
خورشید کی کرنوں کا پستی سے تماشائی
تو چرخ کے تاروں کا ہر لمحہ تمنائی
خود اپنے ہی مکتب میں تعلیم ملی تجھ کو
خود اپنی نگاہوں میں تعظیم ملی تجھ کو
دنیا میں رہا لیکن دنیا رہی بیگانہ
چمکے گا قیامت تک ساقی ترا پیمانہ
ہر سوز نہانی کو بخشی ہے زباں تو نے 
ہر داغ کا، ہر غم کا پایاں ہے نشاں تو نے 
انساں کی طبیعت کا غماز فقط تو ہے 
اسرار حقیقت کی آواز فقط تو ہے 
٭٭٭




تعزیت برائے قاضی سلیم 
(جو اپنے نام کے آگے مرحوم کا اضافہ کر گئے) 

ظفر کلیم
(ناگپور)

نئے لہجے کی نظموں کا مبلغ
	سیاست داں ،صحافی ، اور شاعر
نئی تہذیب کا حامی بظاہر/بظاہر وہ نئی قدروں کا رہبر
نئے ذہنوں ، نئی سوچوں کا رہبر…مگر
پاس بزرگاں کا بھی قائل
رسالتؐ کا بھی یزداں کا بھی قائل…اٹھا جب
جھومتا خاک دکن سے 
صبا نے برسائے چمن سے …کہ اب آیا
سخن سازی کا موسم
حصول علم و فن سازی کا موسم…صدا آئی
بہر بزم سخن سے …وہ آیا
رند خوش فکر سخن میخانہ ارباب فن سے …چلو
محفل سجائیں /پیئیں پلائیں ، سنیں سنائیں 
جاگ سکیں تب تک جاگیں /پھر کچھ سو جائیں 
کچھ باتیں اس کی مانیں ہم
کچھ باتیں اپنی منوائیں …لیکن
اندرون ذات کا شاعر/دن کا شاعر رات کا شاعر
سیدھی سچی بات کا شاعر/سب کی باتیں غور سے سنتا
اچھی باتوں پر سر دھنتا…حق  پر تھا وہ
رہا حق بات پرہی دھیان اس کا
نوائے حق پہ تھا ایمان اس کا
قلم کے ساتھ تھی اس کی دیانت
اسے گندہ نہ کر پائی سیاست
کہ اس کی روح میں پاکیزگی تھی…کہ وہ فطرتاً
نیک انسان بھی تھا/مسلمان تھا
پھر بھی انسان ہی تھا/پشیمان تھا وہ
گناہوں پہ اپنے جواس سے کسی وقت
سرزد ہوئے تھے 
مگر اس کو اس کے کرم پر یقین تھا
کہ وہ اہل دیں تھا
بھروسہ تھا اس کو خدا کی عطا کا
کہ وہ امتی تھا رسولؐ خدا کا…یہی وجہ تھی جب
علالت کے باعث
قویٰ مضمحل اور لاغر ہوئے جب
نقاہت کے باعث…فرشتے نے کی
اس کے حق میں دعائیں 
خدا اس گنہگار کو بخش دے تو
کہ ہے اس کی سانسوں میں ایمان کی بو
برائے عظمت شان کریمی
مشیت نے کیا یوں یاد اس کو
سزاؤں سے کیا آزاد اس کو…یوں لگا پھر
بخششوں کے یک بہ یک دفتر کھلے … اور پھر
توبہ کے اس پر در کھلے 
اس کے چہرے کی رمق واپس ہوئی
پھر لگا آواز حق واپس ہوئی
کلمۂ حق یوں ہوا  ورد زباں 
اے خدائے لم یزل اب یہ جہاں 
قید خانہ ہے رہائی دے مجھے 
بند کر دے میری آنکھیں ، اور
دکھائی دے مجھے !
٭٭٭


ہمارے بعد

آزاد ساحری
(بنگلور)

ہمارے بعد
بعد اپنے کوئی لطف بہاراں نہ رہے گا
یہ رنگ چمن رنگ گلستاں نہ رہے گا
یہ آئینہ خانوں کی تجلی نہ رہے گی
تاحد نظر جشن چراغاں نہ رہے گا
آنے کو بہار آئے گی پھر صحن چمن میں 
دیوانہ مگر دست و گریباں نہ رہے گا
فردوس نظر محفل جاناں نہ رہے گی
شاداب و حسیں شہر نگاراں نہ رہے گا
شرمائیں جسے دیکھ کے سلطانوں کے ایواں 
وہ میرا مکاں مرکز عرفاں نہ رہے گا
ترسیں گے ہمیں جام و سبو روئیں گے شیشے 
رحمت کدۂ بادہ فروشاں نہ رہے گا
چرچے نہ کبھی ہوں گے مری آہ شبی کے 
جاناں تری رسوائی کا ساماں نہ رہے گا
کوچے میں ترے چاہنے والے نہ رہیں گے 
ہاتھوں میں لئے کوئی دل و جاں نہ رہے گا
گھائل نہ کوئی ہو گا ترے تیر نظر سے 
پھر زخم جگر شمع فروزاں نہ رہے گا
زنہار مسیحائی کی حاجت نہ رہے گی
بیمار کوئی طالب درماں نہ رہے گا
ہو گا نہ کہیں پھر ترے جلوؤں کا تقاضہ
بیتاب کوئی دید کا خواہاں نہ رہے گا
اڑ جائے گا مٹ جائے گا رخسار سے غازہ
پھر مانگ میں سیندور زر افشاں نہ رہے گا
دامن سے لپٹ جائے گی پھر گردش دوراں 
مطلق کوئی پھر شاداں و فرحاں نہ رہے گا
یہ طالب و مطلوب کے قصے نہ رہیں گے 
افسانے کا عنواں غم دوراں نہ رہے گا
ٹوٹے گا جہاں سلسلۂ طوق و سلاسل
یہ شور یہ ہنگامۂ زنداں نہ رہے گا
دامن پہ ترے خون کے چھینٹے نہ رہیں گے 
بسمل سر مقتل کوئی رقصاں نہ رہے گا
فرصت تو بہرحال حریفوں کو ملے گی
نقاد کو تنقید کا ساماں نہ رہے گا
ڈھونڈیں بہت اہل سخن بزم سخن میں 
آزادؔ سا محفل میں غزل خواں نہ رہے گا
٭٭٭



جگر لخت لخت
خلیل فرحتؔ کارنجوی

اندھوں کو دکھائیں کیا، بہروں کو سنائیں کیا!
مظلوم کے اشکوں کو، مجبور کی آہوں کو
پھر فرقہ پرستی کے اژدہا نے پھنکارا
مسموم کریگا پھر شاداب فضاؤں کو

ارباب سیاست کی ہر بات نرالی ہے 
قاتل کو فرشتہ بھی کہہ دیں تو عجب کیا ہے 
جس قوم نے پہنایا پھر تاج حکومت کا
اس قوم پہ ہی اتنا یہ غیض و غضب کیا ہے 

قانون کے رکھوالے قانون کو خود توڑیں 
کیا اس سے بری کوئی سرکار کہیں ہو گی؟
قاتل بھی وہیں اپنا، منصف بھی وہی اپنا
انصاف کی کرسی پر تلوار کہیں ہو گی؟


جس ہاتھ سے باندھی تھی امید سہارے کی
اس ہاتھ نے ہی خنجر سینے میں اتارا ہے 
خود ہم نے چنے شعلے پھولوں کی حفاظت کو
اب کس سے کہیں جا کر کیا حال ہمارا ہے 

اس آگ میں جلتا ہے تہذیب کا گہوارا
جس آگ کی گرمی سے پتھر بھی پگھل جائے 
امید سہارے کی اور وہ بھی حکومت سے 
جس کو بھی سنبھلنا ہے وہ خود ہی سنبھل جائے 
ٍ٭٭٭


عوام اور نظیرؔ
دل تاج محلی(آگرہ)

سر زمین تاج کا جو تاجور تھا وہ نظیرؔ
جو مذاق شعریت سے باخبر تھا وہ نظیرؔ
شاعران وقت میں جو مقتدر تھا وہ نظیرؔ
جو چراغ محفل اہل نظر تھا وہ نظیرؔ
چند تنکے اس کے مرقد کو میسر بھی نہیں 
یعنی سائے کے لئے تربت پہ چھپر بھی نہیں 
وہ ادب کا قائد اعظم وہ شاعر وہ فقیر
وہ فدائے علم و فن اور اہل فن کا دستگیر
وہ شہنشاہ زمانۂ وہ قلندر وہ نظیر
وہ سخی ابن سخی مسند نشیں روشن ضمیر
آج اس کی قبر مٹی کے سوا کچھ بھی نہیں 
رہ گیا ہے نام زندہ اور رہا کچھ بھی نہیں 
ایسا شاعر جس نے یکجہتی سے سودا کر لیا
جس نے اپنے فن سے بیگانوں کو اپنا کر لیا
جس نے کر دار و عمل سے ربط پیدا کر لیا
جس نے تاریکی میں شعروں سے احاطہ کر لیا
وہ اجالا آج بھی روشن ہمارے واسطے 
خاص کوئی بھی نہیں تھا عام تھے سب راستے 
آج اس کی قبر پر کوئی عمارت بھی نہیں 
رہ گیا ہے نام زندہ اور رہا کچھ بھی نہیں 
جس کو ہندو سے عداوت تھی نہ عیسائی سے بیر
تھا کنہیا کا جو شیدا رام کو سمجھا نہ غیر
جس نے متھرا کے کئے درش تو کاشی کی بھی سیر
جس کے مسلک میں بڑے دربار تھے کعبۂ و دیر
ایسے شاعر کو نظر انداز کر کے رکھ دیا
شرم کر اے قوم یہ کیا کیا ، کیا کر دیا
٭٭٭



محبت
محمد صادق عالم
(ایٹہ)

ذکر کرتا ہوں محبت میں ادب سے تیرا
جانتی ہے میں پرستار ہوں کب سے تیرا

میں نے آنکھوں میں تیرے خواب سجا رکھے ہیں 
تیرے انداز کلیجے سے لگا رکھے ہیں 

اے مری شمع وفا میں ترا پروانہ ہوں 
سچ تو یہ ہے کہ ترے نام کا دیوانہ ہوں 

کر کے وابستہ ہر اک دل کی تمنا تجھ سے 
میں نے سیکھا ہے وفاؤں کا سلیقہ تجھ سے 

دل کے جذبوں میں طلب تیری نہاں ہوتی ہے 
ہر تمنا ترے سائے میں جواں ہوتی ہے 

نا امیدوں کے لئے آس کا تارا تو ہے 
دل کے ٹوٹے ہوئے رشتوں کا سہارا تو ہے 

فاصلے مٹتے ہیں اور بچھڑے ہوئے ملتے ہیں 
تیرے دامن میں وفاؤں کے کنول کھلتے ہیں 

قیس و لبنیٰ کے فسانوں کی حسیں یاد ہے تو
تو ہے شیریں کی ادا جذبۂ فرہاد ہے تو

تیرے دامن میں سکوں اہل خرد پاتے ہیں 
بوالہوس بھی تیری عظمت کی قسم کھاتے ہیں 

یہ کرشمہ بھی زمانے کو دکھایا تو نے 
نقش نفرت کا ہر اک دل سے مٹایا تو نے 

مختلف تیرے اجالے ہیں زمانے بھر سے 
تیرے انداز نرالے ہیں زمانے بھر سے 

نبض کونین کبھی تیرے لئے رکتی ہے 
تیرے قدموں پہ فرشتوں کی جبیں جھکتی ہے 

جلوۂ طور کے بے باک چمک ملتی ہے 
تجھ میں گیتا کے تقدس کی جھلک ملتی ہے 

خواب پاکیزہ کی تعمیر نظر آتی ہے 
تجھ میں قرآن کی تصویر نظر آتی ہے 

تجھ سا خوش رنگ و حسین تاج محل کوئی نہیں 
اے محبت ترا دنیا میں بدل کوئی نہیں 
٭٭٭



یاد ماضی
(ایک پیکر شباب کا اس کے بچپن سے موازنہ)
آزاد ساحری
(بنگلور)

زلف برہم تو نہ تھی حوصلے غلطاں تو نہ تھے 
آپ خاکم بدہن اتنے پریشاں تو نہ تھے 

مانگ افشاں سے کبھی رشک چراغاں تو نہ تھی
ہونٹ سرخی سے کبھی لعل بدخشاں تو نہ تھے 

رنگ رخسار کبھی شعلہ بداماں تو نہ تھا
اور نظروں میں کبھی طور کے ساماں تو نہ تھے 

خون آشام کبھی دہشت حنائی تو نہ تھا
دل عشاق کے مجروح کبھی ارماں تو نہ تھے 

زلف زنجیر نہ تھی دام میں وسعت بھی نہ تھی
طالب دید کبھی واقف زنداں تو نہ تھے 

میکدۂ آنکھ نہ تھی، بھوں خم محراب نہ تھی
رند و زاہد میں تصادم کے یہ امکاں تو نہ تھے 

قد کا عالم یہ بھی رشک صنوبر نہ تھا
اہل گلشن کبھی انگشت بدنداں تو نہ تھے 

کوچہ بازار نہ تھا کوئی خریدار نہ تھا
جنس نایاب نہ تھے یوسف کنعاں تو نہ تھے 

کھنچ کے جاتی نہ تھی ایسے کبھی تصویر جمال
دیکھنے والے کبھی دیدۂ حیراں تو نہ تھے 

کبھی باتوں میں مسیحائی کا اعجاز نہ تھا
یاد ماضی کی قسم جان غزل خواں تو نہ تھے 

شاخ گل کی طرح بل کھاتی ہوئی چال نہ تھی
کبھی گلگشت کے گلزار پہ احساں تو نہ تھے 

حسن یوسف کی قسم، ماہ مبیں کی سوگند
پرتو نور سے خود آئینے حیراں تو نہ تھے 

دل پہ گرتی نہ تھی آزادؔ کبھی برق جمال
ور نظروں میں کبھی طور کے ساماں تو نہ تھے 
٭٭٭



فاشزم کے نام
ڈاکٹر مسعود جعفری
(حیدرآباد)

تاریخ ہی کے نام پہ مارا گیا ہمیں 
اونچی عمارتوں سے اتارا گیا ہمیں 

جھوٹے لقب سے خوب پکارا گیا ہمیں 
جوئے کی طرح کھیل میں ہارا گیا ہمیں 

سمٹے ہوئے ہیں پیار کے آداب ہر طرف
نفرت کے ہائے ہو گئے اسباب ہر طرف

راہ وفا میں ہم کو ملا ہے یہی صلہ
اس نار و ا سلوک کا کس سے کریں گلہ

سب لوگ پست ہو گئے ، گم ہو گئی جلا
سوچیں یتیم ہو گئیں سب خاک میں ملا

جتنے حسین خواب تھے سولی پہ چڑھ گئے 
سائے ہمارے درد کے کچھ اور بڑھ گئے 

ہندوستاں میں رہ کے ہیں ہندوستاں سے دور
اب کیا کہیں کہ ہو گئے کون و مکاں سے دور

دھرتی سے دور دور تو ہیں آسماں سے دور
یہ کیا ہوا کہ ہو گئے اپنے جہاں سے دور

سوچا نہ تھا کہ آئیں گے ایسے بھی دن کبھی
ہونے لگے گی تیرے تصور سے گھن کبھی

کب تک رہیں گی ملک میں غداریاں تری
مہنگی پڑیں گی تجھ کو ہی عیاریاں تری

مفلوج ہو ہی جائیں گی ہوشیاریاں تری
کچھ بھی نہ کام آئیں گی مکاریاں تری

تھوڑی سی اور رہ گئی تیرے ستم کی رات
اٹھے گا انقلاب بھی دے دیگا تجھ کو مات
٭٭٭



انتظار
ڈاکٹر مناظر عاشق ہرگانوی
(بھاگلپور)

لوریاں سناتی ہیں ماں 
کھیت میں ہل چلاتے ہیں کسان
راستے بناتے ہیں مزدور
لیکن گھر گلیوں کی آنکھیں نم ہیں 
کہرے کی اوٹ میں ہے اسٹیشن
جہاں سے سیٹیاں سنائی دیتی ہیں 
فوگ میں سگنل نظر نہیں آتا
پھر بھی انجن رینگتا ہے 
انجانے سفر کے لئے 
ایک نئی دنیا کے لئے 
من کی کشتی میں امنگ ہے 
اور دھلے ہوئے سورج کے 
اجالے کا انتظار ہے 
٭٭٭




لمس کی آنچ
نادر اسلوبی
(ہنمکنڈہ)


زیست ہے رقص کناں آج جو چاہو سو کرو
مانگ صندل سے بھرو چاند ستاروں سے بھرو
عشق خوددار کو بھی حسن کے قدموں پہ دھرو
ہاں مگر یاد رکھو گردش دوراں سے ڈرو
زندگی ایک سفر ایک تمنا ہے مگر
یہ حسین رات بھی پیغام سحر لائی ہے 
زیست کی راہ پہ چلنا کوئی آساں تو نہیں 
تم نے اس راہ پہ چلنے کی قسم کھائی ہے 
میں تو تپتے ہوئے صحرا سے یہاں آیا ہوں 
میری بیکار سی باتوں کا برا مت مانو
لمس کی آنچ سے سورج بھی پگھل جاتا ہے 
ذہن کا چاند جو پگھلے تو تعجب نہ کرو
نظم کہنے سے ہے یہ یاد دلانا مقصود
میں چلا جاؤں گا سوغات ہنر دے دے کر
زندگانی کا یہ خاکہ جو ادھورا ہے ابھی
رنگ بھرنا ہے تمہیں خون جگر دے دے کر
زیست ہے رقص کناں آج جو چاہو سو کرو
٭٭٭


فکر پارے 
جاوید ندیم
(ممبئی)

آدمی کا سب سے بڑا سرمایہ، یہ اس کے اپنے خیالات ہیں 
آدمی اپنے خیالات سے بھی امیر و غریب ہوتا ہے 
میں نے صاحب حیثیت غریب دیکھے ہیں اور مفلس امیر بھی
دلکش چہروں میں بدصورتی دیکھی ہے 
اور معمولی، صورتوں میں حسن
اندھیرے کو اجالے میں تحلیل ہوتے دیکھا ہے 
اور روشنی میں سیاہی کو ضم
زندگی اپنے رنگوں کو اس طرح بدلتی ہے جس طرح صبح سے شام تک سورج!
مسکراتی آنکھوں میں کتنے کرب نہاں ہیں 
بلندیاں اپنے ساتھ پستیاں لئے ہوئے ہیں 
نیکی کوبدی کی ضرورت ہے ؟
خوبصورت چہروں میں بدصورتی چھپی ہے 
میری آنکھیں سب دیکھ رہی ہیں …
ملنے کی خوشی اور بچھڑنے کے غم میں ، کون زیادہ ہے 
میں سوچ رہا ہوں …
جب تم ملے تھے ، موسم کی پہلی بارش تھی
اب تمہاری جدائی موسم کو الوداع کہہ رہی ہے 
دھرتی نم ہے /میں سوچ رہا ہوں 
آخر دھرتی کب تک نم رہے گی؟
اجالے اس پار، اندھیرا ہی تو ہے 
زندگی کب تک موت سے دور رہے گی؟
موت، زندگی سے الگ تو نہیں ہے 
ایک دریا کے دو کنارے ہیں یہ،
اور…!/ہمیں ایک دوسرے پر پہنچنا ہے !
رشتے 
آدمی کی کمزوری ہیں /یا…
کمزوری کے احساس کا نتیجہ؟
یہ ناگ پھنی کی وہ باڑھ ہیں 
جسے فصل کی حفاظت کیلئے 
کھیت کی منڈیروں پرلگا دیا جاتا ہے 
اور…
ناگ پھنی کا قرب/ضرر سے خالی نہیں ہے 
شناخت
ذمے داریاں اتنی لو
جتنی پوری کر سکو
خود کو قوت سے زیادہ آزمائش میں نہ ڈالنا
ذلت کا سبب ہے !
کام تھوڑا کرو/مگر خوبی کے ساتھ
کہ وہی تمہاری شناخت ہے !
حسد اور  شکر
وہ حسد کرتے ہیں 
اور میں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں 
کہ اس نے مجھے اس چیز سے نوازا
جوان کے پاس نہیں ہے !
٭٭٭


دوہے 
سعادت عابدی
(بھوپال)

ہو جائے گر آدمی
سرتا پا انساں 
بے حاجت لگنے لگے 
دھرتی پر بھگوان
٭

وہ سن لیں جو خاص کر
ہیں اہل ایمان
شک اور غیبت سے بچیں 
کہتا ہے قرآں 
٭

کب ہے اپنے آپ سے 
واقف یہ انسان
یزداں کی تصویر ہے 
تفسیر قرآن
٭

لوگوں پر کیسے چڑھیں 
گیانی دھیانی رنگ
خود سنتوں کے ہو گئے 
پانی پانی رنگ
٭

جب تک مثل مہر تھی
یارو اپنی قوم
دنیا اس کے واسطے 
تھی دیوار موم
٭

یہ اللہ کی بات ہے 
وہ ہی جانے راز
کیا میرا انجام ہو
کیوں میرا آغاز
٭



لاٹھی میں اللہ کی
نہیں ہے کوئی صوت
بے انصافی مت کرو
ہو جاؤ گے فوت
٭

بیشک تم شاداب ہو
بیشک بہتا آب
لیکن ہم جیسے یہاں 
اب بھی ہیں کمیاب
٭٭٭



ماہئے 
ڈاکٹر زبیر قمرؔ دیگلوری
(ناندیڑ)

گردش میں ستارہ ہے 
قید کروں گا میں 
قیدی نے پکارا ہے 
٭

شاعر کو بلایا ہے 
غزل سنانے کو
محفل یہ سجایا ہے 
٭

متروک سمجھنا تم
زرد صحافت کو
مٹھی میں مسلنا تم
٭



گلشن پہ نظر رکھو
خار تو ہوتے ہیں 
پھولوں کے شجر رکھو
٭

احساس دلانا ہے 
لاپرواہی سے 
بچے کو بچانا ہے 
٭

اک زاغ پکارا ہے 
آؤ یہاں پر اب
محبوب نظارہ ہے 
٭

تشریف وہ لائے ہیں 
درس دیا میں نے 
اشعار سنائے ہیں 
٭



اس گلی کی مہک دیکھو
نظر ملی میری
آنکھوں میں چمک دیکھو
٭

ہر وقت وطن اپنا
چمن بنا لیکن
بدلا ہے چلن اپنا
٭

اشعار پرانے ہیں 
اب نظم کرو تم
محبوب فسانے ہیں 
٭٭


زائرین سے
امیر اللہ عنبر خلیقی(ناگپور)
 (ناندیڑ)

زائر حرمین ہو، حجاج ہو عرفات کے 
ہوں مبارک یہ زیارت کے مقدس راستے 
کعبہ کو دیکھو، طواف کعبہ بھی کرتے رہو
اپنے دامن کو ثواب عمرہ سے بھرتے رہو
خوش نصیبی سے تمہاری یہ ملا اللہ کا گھر
خود کو وابستہ عبادت سے رکھو شام و سحر
ایک کو پڑھ کر ملے گا لاکھ رکعت کا ثواب
یوں کرم اللہ کا تم پر یہاں ہے بے حساب
رونق بازار سے ہونا ہے تم کو بے خبر
اور دنیا داری کو کرنا ہے بالکل مختصر
حاضری عرفات کی حج سے کرے گی فیض یاب
ایک دن کی حاضری حاجی بنا دے گی جناب
کنکری کو مار کر ہی اک بڑے شیطان کو
ساتھ رکھنا ہے سلامت اپنے دین ایمان کو
کر کے قربانی یہاں سر کو منڈایا جائے گا
اس طرح احرام پھر تن سے اتارا جائے گا
بعد اس کے کرتے ہیں حاجی زیارت کا طواف
اور دعاء کرتے ہیں کعبے کا پکڑ کر وہ غلاف
اب وداع کاہے طواف اور جانا مکہ چھوڑ کر
دیکھتے جانا بھی ہے کعبے کو منہ کو موڑ کر
جب فراغت ہو گئی حاجی مدینہ جائیں گے 
اور زیارت روضۂ اطہر کی وہ فرمائیں گے 
با ادب اور با سلیقہ اور زیر احترام
روضۂ اقدس پہ جا کر ان کو پڑھنا ہے سلام
کم سے کم چالیس پڑھنی ہے یہاں ان کو نماز
اور درودِ پاک کا بھی ورد رکھنا ہے دراز
پا کے یہ انعام عنبرؔ کتنا حاجی شاد ہے 
حاجیو! حج کی سعادت کی مبارکباد ہے 
٭٭٭


پگلی
منیر ارمان نسیمی
(بھدرک)

جب سے گوپالؔ گیا ہے …
اس کی چال میں اب وہ مستی نہیں رہی
اس کی باتوں سے اب شہد نہیں ٹپکتے 
اس کی ہنسی کے جل ترنگ اب نہیں بجتے 
اس کے بدن کا رنگ پکے ہوئے آم کی طرح نہیں رہا
سب کہیں کھو گئے ہیں /جب سے گوپالؔ گیا ہے۔!
الجھے بال اور بکھرے وجود کے ساتھ
وہ اک سنسان کھنڈر بن چکی ہے 
پھٹی ساڑی سے جھانکتا اس کا جوان بدن
ہزاروں بے شرم نگاہوں سے ہوتا ہے گھائل،
نہ مانگ میں ہے سیندور، نہ پاؤں میں پائل
جب سے گوپال گیا ہے …!
اس کے گوپال کو پائل کی آواز میں 
سنگیت کے ساتوں سر سنائی دیتے تھے 
وہ آتے سمئے لائے گا چاندی کا پائل
وعدہ نبھائے گا
وہ پہنے گی، اٹھلائے گی…اترائے گی
بار بار قریب آ کر…بھاگ جائے گی
وہ جھنجھلائے گا…روٹھے گا، بگڑ جائے گا
اور وہ اس سے لپٹ کر اسے منائے گی
یہی سب بڑبڑاتی ہے وہ پگلی یکے بعد دیگر
ہر اک گاڑی کے اندر وہ ڈھونڈتی ہے مگر
اس کو کیا معلوم کہ…
اس کا گوپالؔ اب نہیں آئے گا کبھی لوٹ کر
سال بھر پہلے اک حادثے کا شکار ہو کر
ہائے کس موڑ پر منھ موڑ گیا/بنجر پڑی دھرتی پر
آنے کو ہے اک نئی کونپل/یہ خبر ڈاکٹر نے سنایا ہے 
جب سے گوپال گیا ہے ، نہیں آیا ہے !!
٭٭٭



فکر پارے۔۲
جاوید ندیم
(ممبئی)

سفر پر نکلا مسافر پلٹ کر اپنے گھر کو آ جاتا ہے 
زمین دائرے میں گھوم کر پھر اسی مقام سے اپنے سفر کی ابتداء کرتی ہے 
وقت ایک تیز رفتار گھوڑا ہے 
جو حال کو ماضی میں تبدیل کرتا مستقبل کی طرف دوڑا چلا جا رہا ہے 
کمہار کا چاک گھوم رہا ہے 
اور…
کمہار کے مشاق ہاتھ مٹی سے مختلف پیکر تراش رہے ہیں 
تہذیب و تمدن، انتہا کو پہونچ کر پھر اپنی ابتدا کو پلٹتے ہیں 
تمہاری پسند…ناپسند پر تمہارے اسلاف اثرانداز ہیں 
…آدمی اپنے سنسکاروں سے بندھا ہے 
’’یہ کال چکر
کمہار کو گھومتا ہوا پہیہ!‘‘
تمہاری تحقیق…تجدید ہے ، تمہارے پہلوؤں کی
ہر مکمل …نا مکمل ہے 
ہر تخلیق،
ایک تجسس… نامکمل سے مکمل کی طرف
زندگی
اکائی میں اکائی کے جمع کا عمل،
لامحدود تک…!
٭٭٭



فکر پارے۔۳
جاوید ندیم
(ممبئی)

کلہاڑی نے درخت سے دستہ حاصل کیا
اور قوت پا لی…
اور پھر،
اسی دستے کی مدد سے درخت پر حملہ کر دیا!
درخت نے امربیل کو زندگی دی
نمو بخشی…
اور امر بیل نے 
درخت کو کیا دیا؟
استحصال!
٭
سگریٹ اپنے وجود کو دھوئیں میں تبدیل کر رہا ہے 
اور میں رشتوں کے تعلق سے سوچنے لگتا ہوں 
٭٭٭


فکر پارے۔۴
جاوید ندیم
(ممبئی)

زندگی مکتب ہے 
ایک عظیم مکتب!
علم کے بغیر مکتب!
ایک گھروندہ ہے ، اینٹ گارے کا!
٭٭٭



اردو دوہے 
عرش صہبائی
(جموں)

یاد آئے ہر بات وہ
گیا ہوں جو میں بھول
جب بھی کسی کتاب میں 
دیکھوں سوکھے پھول

٭

گوری تنہا ہے اگر
ساون ہے بے رنگ
جھولے لاتعداد ہیں 
جھولے کس کے سنگ

٭


کہیں پہ کانٹے پھول ہیں 
کہیں پہ چھاؤں دھوپ
کہنے کو وہ ایک ہے 
لیکن کتنے روپ

٭

رہتا ہوں کس کے رنگ میں 
کیسا میرا حال
سچ کہا تم نے کبھی
خود سے کیا سوال!

٭

اپنی آنکھوں سے لگا
ان کے پاؤں کی دھول
دنیا میں حق کے لئے 
گئے جو پھانسی جھول

٭


اس پر بھی خاموش ہوں 
جانتا ہوں یہ بھید
ہر دل میں اک زخم ہے 
ہر دل میں اک چھید

٭

آنکھوں کو چھلکا گئی
اس کی اک اک بات
دل کو جلائے بے طرح
اشکوں کی برسات

٭

پھلیں ہر اک گام پر
جب غربت کے سائے 
روٹی کی خاطر یہاں 
عصمت بھی بک جائے 
٭٭٭


دوہے
قریش جلال بھڑگانوی
(جل گاوں)

کہتی موسم سے کلی
رنگیں تھے جب پھول
بھنورے سے تھی دوستی
ہو گئی ہم سے بھول

٭
انساں ایسا آج کا
کب کسی کو ہے مانے 
مذہب، رشتہ چھوڑ سب
بس پیسہ پہچانے 

٭
ایسی دنیا ریت ہے 
زندوں کو دیں لات
جب مر جائیں تو ملے 
مردوں کو دال و بھات

٭
دنیا میں کب کون پھر
کب تک دیتا ساتھ
کٹھ پتلی کی ڈور تو
اوپر والے ہاتھ

٭
الفت کے بازار میں 
کس کا، کس پر زور
دل بھی تو نادان ہے 
کرتا پھرتا شور

٭
گھاٹے کا سودا کیا
وہ تو تھا نادان
میں بھی دھوکا کھا گیا
میں بھی تھا انجان



٭
سرپر رکھی آگ وہ
جاگی ساری رات
شمع سادہ لوح تھی
کہہ گئی سچی بات

٭
مانجھی تو پاہی گیا
کچھ تو دریا بھید
اپنے تو بس کر گئے 
کشتی میں ہی چھید
٭٭٭

سہ ماہی قرطاس، ناگپور کے ۲۰۰۵ء۔ ۲۰۰۶ء کے شماروں سے
تشکر: محمد رفیع الدین اور شرف الدین ساحل، ساحل کمپیوٹرس، ناگپور
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
