﻿
شیطان شہزادہ

Hans Christian Andersen
(1840)
مترجم : تفسیر احمد



بہت عرصہ ہوا کہ ایک مغرور اور بد کار شہزادہ تھا جوسوچتا تھا کہ وہ کس طرح دنیا کی تمام مملکتوں کو فتح کرے اور انسانیت اس کے نام سے کانپنے لگے ۔ اس کے سپاہیوں نے قتل و غارت مچائی، کھیتوں اور غلوں کو روند دیا اور غریبوں کے گھروں کو آگ لگا دی جن کے شعلوں سے درختوں کے پتہ جل گئے اور کالی جلی ہوئی شاخوں پر لگے پھل بُھن گئے ۔ کئی مائیں اپنے ننگے بچوں کو لے کے بھاگیں اور دھوؤں کے غبار کے پیچھے پناہ لینے کی کوشش کی۔ مگر سپاہوں نے ان کا پیچھا کیا ان کو پکڑ لیا۔ پھر ان کے ساتھ اپنی شیطانی خواہشات پوری کیں۔ ایسا تو خود شیطان بھی نہیں کرتا۔ لیکن شہزادہ نے اپنے سپاہیوں کی ان شیطانی حرکات سے مزا لیا۔

وقت کے ساتھ ساتھ اسکا دائرہ اختیار وسیع ہوتا گیا یہاں تک کے لوگوں کو صرف اس کے نام سے خوف آنے لگا۔

ان فتوحات سے حاصل کے ہوئے سونے اور ان لوٹے ہوئے قیمتی خزانوں سے حاصل کی ہوئی دولت سے اس نے اپنی سلطنت کو ایسی چیزوں سے بھر دیا جن کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں تھا۔ اس کے بعد اس نے محلات،گرجا اور دوسری عمارتیں بنوائیں جن کی چمک دمک دیکھ کر لوگ کہتے تھے " واہ یہ تو عظیم شہزادہ ہے !" ایک لمحہ کے لیے بھی انہوں نے یہ نہیں سوچا اس ظالم نے دنیا میں کتنی قتل و غارت اور بربادی پھیلائی ہے ۔ انہوں نے کبھی ان مظلموں کی آہیں اور سسکیاں کو نہیں سننا تھا جو تباہ کردہ شہروں کے ملبوں سے اٹھتی تھیں۔اور جب شہزادہ اپنے سونے جواہر کو اور ان عالیشان عمارتوں کو دیکھتا جواس کے نام ہیں بنی تھیں وہ بھی ان لوگوں کی طرح سوچتا تھا۔ " واہ میں تو عظیم شہزادہ ہوں!" لیکن میرے پاس اور بھی زیادہ ہونا چاہیے تاکہ کوئی میری برابری نہیں کرسکے ۔چنانچہ اس نے اور جنگیں لڑیں اور دوسری سلطنتیں فتح کیں۔ ان شکست خوردہ بادشاہوں کو سنہری زنجیروں سے اس کے رتھ کے ساتھ باندھا جاتا تھا اور ان کو شہر کی سڑکوں پرگھسیٹاجاتا تھا۔ اور جب یہ شیطان شہزادہ اور اس کے درباری کھانے کی میز پر بیٹھتے تھے تو شکست خوردہ بادشاہوں کو ان کے پیروں کے نزدیک بٹھایا جاتا تھا اور ان کو درباریوں کے پھینکے توڑوں کو کھانا پڑتا تھا۔

مغرور اور بد کار شہزادے نے اپنے مجسمے تمام عوامی جگہوں اور تمام محلوں میں نصب کروائے تھے ۔ وہ تو شاید گرجا گھروں کی مذہبی میز پر بھی ایسا کرتا مگر پادریوں نے کہا " شہزادے آپ عظیم ہیں مگر خدا آپ سے بھی بڑا ہے اس لئے ہم آپ کا حکم نہیں مان سکتے "۔

اچھا اگر ایسا ہے "۔ بد کار شہزادے نے کہا " تب میں خدا کو بھی فتح کر لوں گا"۔

اور پھر اپنے تکبر و غرور اور گمان سے یہ حکم دیا کہ ایک ایسا جہاز تیار کیا جائے جو فضا میں اُڑسکے ۔ اس جہاز کا رنگ مور کے پروں کی طرح رنگ برنگا تھا اور اس میں ہزار آنکھیں تھیں لیکن وہ آنکھیں دراصل بندوقوں کی نالیاں تھیں۔

شہزادہ اس جہاز کے بیچ میں بیٹھ کر صرف ایک بٹن دبا کر ایک ساتھ ایک ہزار گولیاں چلاسکتا تھا اور یہ بندوقیں فوراً ہی نئی گولیوں سے بھر جاتیں تھیں۔ سینکڑوں عقاب اس جہاز پراس طرح باندھے گئے تھے کے وہ اس جہاز کو اُڑاسکیں۔اور اب جہاز ایک تیر کی طرح سورج کی طرف آڑا۔ جلد ہی زمین بہت نیچے رہ گئی۔ اوپر بلندی سے پہاڑ اور جنگل، کھیتوں کی طرح دکھائی دے رہے تھے اور اونچائی سے اب زمین پر کہیں کہیں سبزہ سا نظر آتا تھا۔ جیسے جیسے عقاب اپنے عظیم پروں سے اوپر اُڑتے  گئے ہر چیز دھند اور کہر میں چھپ گئی۔ تب خدا نے اپنے ہزار ہا فرشتوں میں سے ایک فرشتہ کو بھیجا۔ بد کار نے فوراً ہزار گولیاں چلائیں۔ مگر وہ سب فرشتے کے چمکیلے پروں سے ٹکرا کر برف کے اولوں کی طرح زمین پر گریں۔ اسکے بعد شہزادہ کے جہاز پر فرشتے کے سفید پروں سے خون کی ایک بوند پر گری۔ یہ بوند شہزادے کے جہاز کے لیے اتنی بھاری تھی کے بوجھ سے جہاز تیزی سے زمین کی طرف گر نے لگا۔ عقابوں کے عظیم پر ٹوٹ گئے اور شہزادے کے ارد گرد تیز ہوائیں چلنے لگیں اور پھر اُسے بادلوں نے گھیر لیا۔اور یہ بادل شاید ان شہروں کی آگ کا دھواں تھا جن کو شہزادے نے جلایا تھا ان بادلوں نے ایک عجیب ہیئت اختیار کر لی تھی۔ ان میں سے کچھ میلوں لمبی ٹانگوں والے کیکڑوں کی طرح تھے اور کچھ پہاڑوں کے بڑے ٹکڑے تھے یا آگ اگلتے ہوئے  اژدہے ۔ شہزادہ جہاز کے اندر نیم مردہ پڑا تھا۔ آخر کار جہاز گر کر جنگل کی گھنی شاخوں میں الجھ گیا۔

" میں خدا کو فتح کروں گا"۔ اس نے کہا۔ " میں نے یہ عہد کیا ہے ۔" میرا عہد پورا ہو گا"۔

تب اس نے آنے والے سات سالوں میں اپنے لیے ایک نیا مضبوط اور عظیم الشان جہاز بنوایا جس میں وہ ہوا میں اُڑسکے ۔ اس میں اس نے سخت ترین لوہے کی برچھیاں لگوائیں تاکہ ان سے جنت کی حفاظتی دیواروں کوگراسکے ۔ اپنی مفتوحہ ملکوں سے اس نے اتنے جنگجوؤں کو جمع کیا کے اگر وہ شانہ بہ شانہ کھڑے ہوں تو میلوں لمبی دیوار بن جائے ۔ اور انکے لیے بھی اڑنے والے جہاز بنوائے ۔

وہ تمام اس اپنے اپنے جہازوں میں سوار ہو گئے ۔ مگر جب شہزادہ جہاز کی طرف بڑھا تو خدا نے کالے مچھروں کا ایک جھنڈ بھیجا۔ یہ مچھر شہزادے کے ارد گرد چکر لگانے اور بھنھناتے ہوئے اس کے چہرے اور ہاتھوں ہر ڈنک مارنے لگے ۔ شہزادے نے غصہ سے ہوا میں تلوار چلائی مگر وہ ایک مچھر کو بھی نہ چھوسکا۔ تب اس نے خادموں کو ایک موٹا شاہی لبادے لانے کو کہا۔ اور پھر شہزادے کو اس لبادے میں لپیٹ دیا گیا تاکہ مچھراس کے جسم تک نہ پہنچ سکیں۔ تمام کوششوں کے باوجود ایک چھوٹے سے مچھر نے ان کپڑوں میں جگہ بنا لی تھی۔ اس نے شہزادہ کے کان میں رینگ کر ڈنک مارا۔ جس جگہ ڈنک لگا۔اس کی جلن آگ کی طرح تھی۔ اور اس کا زہر خون میں پھیل کر تیزی سے اس کے دماغ کی طرف جانے لگا۔ شہزادے نے اپنے کپڑے پھاڑنے اور ان کو اپنے بدن سے جدا کرنا شروع کر دیا۔ اب وہ برہنہ تھا اور کان میں جلن کی وجہ سے اچھل کود رہا تھا۔

اس کے سب جنگجواس پر ہنس رہتے تھے اور اس کا مذاق اُڑا رہے تھے ۔شیطان شہزادہ جو خدا کو فتح کرنے چلا تھا اس پاگل کو ایک مچھر نے شکست دے دی۔
٭٭٭


٭٭٭
ماخذ:
http://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%B4%DB%8C%D8%B7%D8%A7%D9%86-%D8%B4%DB%81%D8%B2%D8%A7%D8%AF%DB%81.11631/
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
