﻿



قواعدِ عربی، ایک مبتدی کی نظر سے


محمد خلیل الرحمٰن










علم النحو 


(بسم اللہ الر حمٰن الر حیم) الحمد لللہ وکفیٰ والصلوٰۃ السلام علیٰ عبادہِ الذین اصطفیٰ والذی انزل فی کتابہ (الٰر وقف تلک اٰیٰتُ الکتابِِ المبین۔ انا انزلنٰہ قراٰناً عربیاً لعلکم تعقلون)۔ اما بعد



یہ آیتیں ہیں واضح کتاب کی۔ ہم نے اس کو اتارا ہے قرآن عربی زبان کا تاکہ تم سمجھ لو۔ (تر جمہ حضرت مولٰنا محمود حسین صاحب)

’’ آسمانی کتابوں کے نزول کا مقصد لوگوں کی ہدایت و راہنمائی ہے۔ اور یہ مقصد اسی وقت حاصل ہو سکتا ہے جب وہ کتاب اس زبان میں ہو جس کو وہ سمجھ سکیں، اس لیے ہر آسمانی کتاب اسی قومی زبان میں نازل ہوئی، جس قوم کی ہدایت کے لیے وہ اتاری گئی تھی۔ قرآن کریم کے مخاطب اول چونکہ عرب تھے، اس لیے قرآن بھی عربی زبان میں نازل ہوا۔ علاوہ ازیں عربی زبان اپنی فصاحت و بلاغت اور اعجاز اور ادائے معانی کے لحاظ سے دنیا کی بہترین زبان ہے۔ اس لیے اللہ تعالیٰ نے اس اشرف الکتب (قرآن مجید ) کو اشرف اللغات (عربی) میں اشرف الرسل (حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم پر اشرف الملائکہ (حضرت جبرئیل ) کے ذریعے سے نازل فرمایا۔ ‘‘

(از تفسیر احسن البیان، حافظ صلاح الدین یوسف ) 

اللہ جل شانہ کی یہ سنت رہی ہے کہ اس نے جتنے بھی پیغمبر اور رسول اس دنیا میں اہل دنیا کی ہدایت کے لیے مبعوث فرمائے، انھیں اپنی قوم کے طبعی میلان اور فطری رجحان کے مطابق اس دائرہ کار میں معجزات عطا فرمائے جس میں ان کی قوم اور وہ زمانہ ید طولیٰ رکھتے تھے، اور اسی دائرہ کار میں فن کی بلندیوں پر پہنچے ہوئے تھے۔ مقصدِ اعلیٰ اس امرِ ربی کا یہ تھا کہ، ان کی قوم اپنے اسی فن میں، جس میں وہ درجہ کمال کو پہنچی ہوئی ہوتی تھی، اپنے کام اور امرِ ربی میں فرق کر سکے اور پیغمبرِ زماں کو حق پر جان لے۔ 

حضرت موسیٰ (علیہ السلام ) کے زمانے میں ساحری اور جادوگری اپنے عروج پر تھی، یہاں تک کہ فرعون بادشاہ کے دربار میں قسم قسم کے جادوگر اپنے کمالات دکھانے کے لیے ہر وقت منتظر رہتے تھے۔ ان کے سامنے جب حضرتِ موسیٰ علیہ السلام نے بحکمِ خداوندی اپنا عصا پھینکا تو اس نے معجزانہ طور پر اژدھا بن کر جادوگروں کے تمام سانپوں کو نگل ڈالا، تبھی تمام جادوگر جو اس میں ماہر تھے، جان گئے کہ یہ کام قادرِ مطلق کا ہی ہو سکتا ہے اور وہ پکار اٹھے (اٰ منا برب العالمین، ربِ موسیٰ و ہارون) 

یہی صورتِ حال ان معجروں کی ہے جو حضرتِ عیسیٰ علیہِ السلام، حضرتِ داؤد علیہِ السلام، حضرت سلیمان علیہِ السلام وغیرھم اجمعین کو عطاء فرمائے گئے تھے۔ ان تمام معجزات کا مقصد ِ اعلیٰ بھی وہی تھا، یعنی یہ کہ اتمامِ حجت کے لیے طبقہ اعلیٰ کے فرد جو اپنی استعداد فنی کے اعتبار سے ماہرین فن شمار ہوتے تھے، اور اپنی فنی طاقت و کمالیت کو اس مظہرِ اعلیٰ کے سامنے بے بس پا کر اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لانے یا جانتے بوجھتے ہوئے اس پیغامِ حق کے منکر ہونے پر مجبور ہو جاتے تھے۔ طبقہ ارزل تو شروع ہی سے نبی وقت کو اپنا نجات دہندہ پا کر ان کے گرد جمع ہو جاتے تھے۔ 

جب نبی آخر الزماں نبی امی، حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم جزیرہ نمائے عرب میں مبعوث فرمائے گئے تو ان کا اولین مخاطب قومِ عرب ٹھہری جن کی اپنی زبان عربی اس وقت اپنے عروج کمال کو پہنچی ہوئی تھی۔ فصاحت و بلاغت ان کے گھر کی لونڈی تھی اور وہ بجا طور پر اس پر فخر کرتے تھے۔ یہاں تک کہ وہ اپنے کو فصیح اور غیر عرب قوموں کو عجم یعنی گونگا کہتے تھے، اپنے بچوں کو بہترین زبان دانی میں مہارت بہم پہنچانے کے لیے انھیں مضافات میں بھیجا جاتا تھا۔ 

یہی وہ دور تھا جس میں ربِ کائنات نے نبی امی کو قرآن کا معجزہ عطا فرمایا جس کی زبان و بیان اور فصاحت و بلاغت نے اہلِ عرب کو مسحور کر دیا۔ کفارِ مکہ چھپ چھپ کر کان لگا لگا کر قرآن کو سنتے اور مبہوت ہو کر رہ جاتے۔ ایک دوسرے کو قرآن سننے سے منع کرتے، لیکن زبان دانی کا چٹخارہ انھیں خود ہی چھپ کر قرآن سننے پر مجبور کر دیتا تھا۔ جن لوگوں پر انعامِ خداوندی ہدایتِ حق کی شکل میں عطا ہو جاتا وہ فوراً دعوتِ حق کو قبول کر کے اللہ کے پسندیدہ بندے بن جاتے اور جن کے دلوں پر حق تعالیٰ نے مہر لگا دی تھی وہ اس سے محروم رہتے تھے۔ 

قرآنِ معجز بیان کے اس معجزے کے کئی پہلو ہیں جن کا تفصیلی مطالعہ کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ خود عربی زبان بھی قرآن کے معجزے کے احسان سے بدرجہ اتم بہرہ مند ہوئی۔ بقول ڈاکٹر محمود احمد غازی:۔ 

’’اللہ نے قرآنِ پاک کے متن کو بھی محفوظ رکھا اور اس کے معنی کو بھی محفوظ رکھا جو سنت کی شکل میں ہمارے سامنے ہے۔ 

اللہ رب العزت نے قرآن پاک کی زبان کو بھی محفوظ رکھا۔ قرآنِ مجید کی ہم عصر سب زبانیں مٹ گئی ہیں، جن جن زبانوں کو نزولِ قرآن کے زمانے میں انسان بولتے تھے، آج ان میں سے کوئی زبان دنیا میں محفوظ نہیں ہے، سب مٹ چکی ہیں۔ صرف ایک قرآنِ مجید کی زبان محفوظ ہے۔ یہ ایک ایسا عجیب و غریب استثنائ ہے، جس کی لسانیات کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ دنیا کی ہر زبان تین چار سو سال بعد بدل جاتی ہے، لیکن عربی زبان واحد زبان ہے جو رسول اللہؐ کی ولادتِ مبارکہ سے کم و بیش ساڑھے تین سو سال پہلے سے بولی جا رہی تھی (جس کے نمونے ) آج ہم تک پہنچے ہیں اور ان میں یہی اسلوب، یہی الفاظ اور یہی لغت استعمال ہوئی ہے جو احادیث اور قرآنِ پاک میں ہمیں ملتی ہے۔ 

(محاضراتِ حدیث از ڈاکٹر محمود احمد غازی) 

قرآنِ معجز بیان کے اس احسان ہی کا نتیجہ ہے کہ زمانہ، جاہلیت کے عربی ادب و شاعری بھی آج تک محفوظ ہیں۔ چنانچہ امراو،القیس، اور لبید بن ربیعہ عامری جیسے زمانہ، جاہلیت کے نام آج بھی اہلِ علم و ادب میں جانے پہچانے ہیں بلکہ ان کی شاعری جو زمانہ، جاہلیت کی شاعری کے بہترین نمونوں کے طور پر خانہ، کعبہ میں لٹکائی جاتی تھی، (جسے سبعہ معلقات کہا جاتا ہے ) آج بھی ہمارے دینی مدرسوں میں شامل، نصاب ہیں۔ 

یوں تو عربی زبان قرآنِ کریم و سنتِ نبوی ﷺ کی تعلیم و ترویج کے لحاظ سے مسلمانانِ عالم کی پسندیدہ ترین زبان ہے، لیکن اعجاز ِ قرآن نے آج چودہ سو سال بعد بھی اسے نہ صرف زندہ، جاوید رکھا ہوا ہے، علمی و ادبی و لسانی اعتبار سے بھی اس زبان کی لذت و حلاوت، فصاحت و بلاغت بھی نہ صرف زمانہ، جدید کی دیگر زبانوں کے مقابلے میں بدرجہ، اتم موجود ہے بلکہ یہ آج بھی اتنی ہی جدید ہے جتنی زمانہ، بعثت میں تھی اور آج بھی اس میں وہ چاشنی موجود ہے جو زمانہ، رسالت ماٰب ﷺ میں تھی۔ 

عربی زبان دانی کی اس چاشنی کے مزے لوٹنے اور علم النحو کے قواعد کا مختصر جائزہ لینے سے پہلے ملاحظہ فرمایئے علم النحو کا ایک مختصر مگر دلچسپ فارمولہ

جاء زیدٌ، رایت زیداً، مررت بزیدٍٍٍ۔ 

غور طلب نکتہ یہ ہے کہ اس جملے میں زید بیچارہ وہی زید و بکر والا ہمارا زید ہے، لیکن مختلف اوقات و صورتوں میں مختلف الفاظ کے ساتھ اس پر لگائے جانے والے اعراب مختلف ہیں۔ یہ صورت لسانیاتِ عربی میں کلمہ کی اعرابی حالتیں کہلاتی ہے، اور ان کا مطالعہ علم النحو کہلاتا ہے۔ 

کلمہ کیا ہے اور اس کی اعرابی حالتوں سے کیا مراد ہے، یہ سب ذرا دیر میں۔ اس سے پہلے ہم اس بات کا مشاہدہ کرتے ہیں کہ ہم عصر، علاقے کی زبانوں کا اس بارے میں کیا رویہ ہے۔ 

سب سے پہلے ملاحظہ کیجیے، ڈپٹی نذیر احمد کا کیا ہوا سورہ، بقرہ کی آخری آیتوں کا خوبصورت با محاورہ ترجمہ۔ 

’’ اے ہمارے پروردگار! اگر ہم بھول جائیں یا چوک جائیں تو ہم کو (اس کے وبال میں ) نہ پکڑ اور اے ہمارے پروردگار! جو لوگ ہم سے پہلے ہو گزرے ہیں، جس طرح ان پر تو نے (ان کے گنا ہوں کی پاداش میں احکامِ سخت کا ) بار ڈالا تھا، ویسا بار ہم پر نہ ڈال۔ اور اے ہمارے پروردگار! اتنا بوجھ جس (کے اٹھانے ) کی ہم کو طاقت نہیں، ہم سے نہ اٹھوا، اور ہمارے قصوروں سے در گزر اور ہمارے گناہوں کو معاف کر۔ اور ہم پر رحم فرما، تو ہی ہمارا (حامی و) مدد گار ہے۔ تو ان لوگوں کے مقابلے میں، جو کافر ہیں، ہماری مدد فرما۔ 

(اردو کا نثری دینی ادب اور قرآنی تراجم و تفاسیر از پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفے ٰ خان، ماہنامہ مسیحائی کراچی، قرآن نمبر)

مندرجہ بالا پیراگراف کا بغور مطالعہ ہمیں یہ بتلاتا ہے کہ اس میں ہر لفظ کا آخری حرف ساکن ہے۔ اور یہی اردو زبان کا انداز ہے جو اردو کی دریافت سے لے کر آج تک زبان کی تبدیلی کے باوجود برقرار ہے۔ اسی طرح انگریزی کو لے لیجے۔ 

" 1. Alif Lam Meem. 

2. This is the Book; in it is guidance sure, without doubt, to those who fear God۱

3. Who believe in the unseen, are steadfast in prayer, and spend out of what We have provided for them;

4. And who believe in the revelation sent to thee; and sent before thy time, and (in their hearts) have the assurance of the Hereafter

5. They are on ( true) guidance from their Lord, and it is those who will prosper.

(Al Baqarah 1-5, The Holy Quran

Translated by Abdullah Yusuf Ali

ملاحظہ کیجیے کہ انگریزی میں بھی ہر لفظ کا آخری حرف ساکن ہے۔ کم و بیش یہی صورتحال فارسی میں بھی ہے۔ ذ یل میں فارسی کا ایک شعر پیش ہے۔ 

مبنی آ ں باشد کہ ماند بر قرار
معرب آں باشد کہ گردد با ر بار

اسی طرح پنجابی زبان سے حضرت سلطان باھو کے اشعار درج ذیل ہیں 

الف۔ اللہ چنبے دی بوٹی مرشد من مرے وچہ لائی ھو

نفی اثبات دا پانی ملیاھر رگِ ھرجائی ھو

اندر بو ٹی شور مچایا جان پھلن پر آئی ھو

جیوے مرشد کامل حضرت با ھو جئیں ایہہ بوٹی لائی ھو

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ وہ کون سا عامل ہے جو ان تمام زبانوں کے بر عکس عربی کو وہ خاص کیفیت وکمیت عطاء کر رہا ہے اور جس کے نتیجے میں ہم ہر کلمے کے آخری حرف کی حرکت کو سمجھ سکیں۔ اس عامل کو سمجھنے کے لیے جس علم کا سہارا لیا جا تا ہے اسے علم النحو کہا جاتا ہے۔ کہتے ہیں کہ علم النحو کو حضرت علی (رضی اللہ عنہ ) نے ایجاد کیا تھا۔ وللہ اعلم بالصواب۔ 

علم النحو کی تعریف عربی میں کچھ یوں کی جاتی ہے۔ 

النحو علم با صول یعرف بھا احوال اواخر الثلاث من حیث الاعراب والبنائ و کیفیت ترکیب بعضھا مع بعض۔ 

یعنی علم نحو ایسے قوانین کے جاننے کا نام ہے جن سے دو چیزوں کی پہچان حاصل ہوتی ہے۔ 

۱۔ تینوں کلموں یعنی اسم، فعل، حرف کی آخری حالت معلوم ہوتی ہے اس لحاظ سے کہ وہ معرب ہے یا مبنی۔ 

۲۔ کلموں کو آپس میں جوڑ کر جملہ بنانے کی ترکیب معلوم ہوتی ہے۔ 

آیئے اب دیکھتے ہیں کہ معرب اور مبنی کی کیا تعریف ہے۔ 

معرب

معرب کے لغوی معنی ہیں، اظہار کی جگہ اور اصطلاح میں معرب وہ کلمہ ہے جس کا آخری حرف ہمیشہ بدلتا رہتا ہو۔ پس جس کے سبب سے یہ تبدیلی رونما ہوتی ہے اس کو عامل کہتے ہیں اور جو چیز آخری حرف سے بدلتی ہے اس کو اعراب کہتے ہیں۔ جیسے کہ زیدُ ہماری گذشتہ مثال میں معرب ہے، جاء وغیرہ عامل ہیں۔ دو پیش، دو زبر اور دو زیر وغیرہ اعراب ہیں۔ اور دال محل اعراب ہے یعنی وہ جگہ جہاں اعراب واقع ہو رہے ہیں اور یہ کلمہ کا آخری حرف ہوتا ہے۔ 

مبنی

مبنی کے لغوی معنی ہیں بنائ کیا ہوا۔ اور اصطلا ح میں مبنی وہ کلمہ ہے جو ہمیشہ ایک حال پر رہتا ہے۔ یعنی عامل کے بدلنے سے اس کی آخری حرکت میں کچھ تبدیلی نہیں ہوتی۔ جیسے ’’جاء ھٰذا، را،ٰیت ھٰذا، اور مررت بھٰذا ‘‘ ان مثالوں میں ھٰذا مبنی ہے اور ہر حالت میں  یکساں ہے۔ 

اب آخر میں ایک دلچسپ نکتہ پیش خدمت ہے۔ ان اعراب کو بالترتیب رفع(پیش) نصب (زبر) اور جر (زیر) کہتے ہیں۔ بعض اوقات اعراب کی یہ حالت ظاہر ہوتی ہے اور بعض اوقات ظاہر نہیں ہوتی۔ ہر دو صورتوں میں ان حالتوں کو حالتِ رفعی (پیش کے ساتھ) حالتِ نصبی (زبر کے ساتھ) اور حالتِ جری (زیر کے ساتھ) کہا جاتا ہے۔ 

مثال کے طور پر اسمِ تثنیہ کا صیغہ ہو تو حالتِ رفعی میں اس کے آخر میں  ن ِ اور حالتِ نصبی و جری میں  ینِ لگا تے ہیں جیسے کتب الرجلانِ مکتوبینِ الیٰ المرٰتینِ (دو مردوں نے دو خط دو عورتوں کی طرف لکھے )۔ گویا رجلانِ، مکتوبانِ، مراٰتانِ آخری حرکت یعنی زیر کے باوجود حالتِ رفعی میں کہلاتے ہیں۔ اور رجلینِِِ، مکتوبینِ، مرا،تین ِ آخری حرکت یعنی زیر کے با وجود حالتِ نصبی و حالتِ جری میں کہلاتے ہیں۔ 

دراصل اعراب کی دو قسمیں ہوتی ہیں۔ ایک اعرابِ بالحرکۃ جو زیر زبر پیش سے ظاہر کیا جاتا ہے اور دوسرا اعرابِ بالحروف، جو بعض حروف کی زیادتی سے ظاہر کیا جاتا ہے۔ 

یہ گو یا اس طویل بحث کا نکتہ، آغاز ہے جسے علم النحو کہا جاتا ہے۔ یعنی کلمہ کی تین حالتوں اسم فعل اور حرف میں سے کون کونسے اسم، فعل معرب ہیں اور کون کون سے اسم و فعل مبنی ہیں (واضح رہے کہ سارے حروف مبنی ہیں، یعنی ان کی حالت کسی بھی طرح کے استعمال میں یکساں رہتی ہے )۔ نیز اسم کی کتنی قسمیں ہوتی ہیں، فعل کون کون سے ہوتے ہیں، اور حروف کتنے اور کتنی قسموں کے ہوتے ہیں۔ مزید یہ کہ نحو کے عوامل کون کون سے ہوتے ہیں۔ وغیرہ وغیرہ۔ 

٭٭٭



علم الصرف 



(بسم اللہ الر حمٰن الر حیم)

الحمد للہ الذی (خلق الانسان و علمہ البیان ) و اختیار لوحیہ لساناً عربیاً و انزل فیہ القرآن وافضل الصلاۃ وا تم السلام علی سیدنا محمد سید الانام و صاحب الجوامع الکلم و حسن البیان، ا ما بعد

ابتدائے آفرینش سے لے کر آج عہد جدید تک ہم ذہن ِ انسانی کے ارتقائ اور اس کی نشو و نمائ کا مطالعہ کرتے ہیں تو ہمیں پتہ چلتا ہے کہ سب سے پہلا اور بنیادی عنصر جس کی ذہن انسانی کو ضرورت تھی وہ ہے رابطہ اور رابطے کی زبان۔ جس کے بغیر شاید یہ عمل ممکن نہ ہوتا۔ جانوروں کے برعکس جنھیں اپنی ذہنی استعداد کے مطابق رابطے کے لئے صرف چند اشاروں اور کچھ آوازوں کی ضرورت ہوتی ہے، انسانی ذہن کو اپنا ما فی الضمیر مکمل طور پر بیان کرنے کے لئے یقیناً ایک مکمل زبان کی ضرورت ہوئی۔ اس طرح گویا انسانی رابطے کے اہم تر ین طریقے یعنی زبان کا فطری ارتقائ عمل پذیر ہوا۔ جب ہم فطری انداز کی بات کرتے ہیں تو یقیناً ہمارا واضح اشارہ امر ربی کی جانب ہے۔ اللہ رب العزت نے تخلیق انسانی کے بعد اسے بیان کی قدرت عطائ فرمائی

(خلق الانسان۔ علمہ البیان)

جس کی تفسیر علامہ شبیر احمد عثمانی صاحب کچھ یوں کرتے ہیں۔ 

ایجاد (وجود عطائ فرمانا ) اللہ کی بڑی نعمت بلکہ نعمتوں کی جڑ ہے۔ اس کی دو قسمیں ہیں۔ ایجادِ ذات اور ایجادِ صفت۔ تو اللہ تعالیٰ نے آدمی کی ذات کو پیدا کیا اور اس میں علمِ بیان کی صفت بھی رکھی۔ یعنی قدرت دی کہ اپنے مافی الضمیر کو نہایت صفائی و حسن و خوبی سے ادا کر سکے۔ اور دوسروں کی بات سمجھ سکے۔ اس صفت کے ذریعے سے وہ قرآن سیکھتا اور اور سکھاتا ہے۔ اور خیر و شر، ہدایت و ضلالت، ایمان و کفر اور دنیا و آخرت کی باتوں کو واضح طور پر سمجھتا اور سمجھاتا ہے۔ 

(از تفسیرِ عثمانی )

تخلیقِ آدم ہوئی پھر بی بی حوا تخلیق کی گئیں پھر ان دونوں کے ملاپ سے کنبہ اور خاندان بنے اور اس سے قبیلے اور ذاتیں وجود میں آئیں۔ قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ 

(یٰا یھا الناس انا خلقنٰکم من ذکرو انثیٰ و جعلنٰکم شعوباً وَّ قبائلَ لِتعارفو)۔ 

ترجمہ۔ اے آدمیو! ہم نے تم کو بنایا ایک مرد اور ایک عورت سے اور رکھیں تمہاری ذاتیں اور قبیلے تاکہ آپس کی پہچان ہو۔ 

آپس کی پہچان اور اپنا ما فی الضمیر ادا کرنے اور دوسرے کی بات سمجھنے کے لئے انھیں زبان عطا ہوئی اور پھر جب ان کی تعداد بڑھی تو اسرائیلی روایات اور عہد نامہ عتیق کے مطابق وہ زمین میں پراگندہ ہو گئے اور ان کی زبان میں اختلاف ہوا۔ 

٭۔ اور تمام زمین پر ایک ہی زبان اور ایک ہی بولی تھی۔ 

عہد نامہ، عتیق۔ تکوین۔ ۱:۱۱

٭۔ آؤ، ہم اتریں اور وہاں ان کی زبان میں اختلاف ڈالیں تاکہ وہ ایک دوسرے کی بات نہ سمجھ سکیں۔ 

٭۔ اور خداوند نے انھیں اس جگہ سے تمام زمین پر پراگندہ کیا اور وہ شہر کے بنانے سے رک گئے۔ 

٭۔ اس لئے اس کا نام بابل ہوا کیونکہ وہاں خداوند نے ساری زمین کی زبان میں اختلاف ڈالا اور وہاں سے خدا نے انھیں تمام روئے زمین پر پراگندہ کیا۔ 

عہد نامہ عتیق۔ تکوین۔ ۹۔ ۷:۱۱

جب بنی نوع آدم اس زمین پر ذاتوں اور قبیلوں میں بٹے اور پھیلے اور ایک دوسرے سے جغرافیائی طور پر دور ہوئے تو انھیں اپنے اپنے ماحول کے مطابق مختلف زبانیں بارگاہِ خداوندی سے عطائ ہوئیں۔ 

اس طرح گویا دنیا کی مختلف زبانوں زبانوں کی تخلیق کا عمل شروع ہوا۔ ہمیں دنیا کی تاریخ میں کہیں بھی یہ نہیں ملتا کہ کہیں کچھ لوگ جمع ہوے ہوں اور انھوں نے کسی زبان کی ایجاد کی کوشش بھی کی ہو۔ (۷۸۸۱ ÷ئ میں ایک پولش ڈاکٹر ذامن ہاف نے، اسپیرانٹو کے نام سے ایک زبان ایجاد تو ضرور کی، لیکن وہ زبان اپنی موت آپ مر گئی اور آج سو، سوا سو سال بعد کوئی اس کا نام تک نہیں جانتا)۔ ۔ ہاں البتہ انسان نے شعوری طور پر ان رائج زبانوں کو سمجھنے کی کوشش ضرور کی جس کے نتیجے میں لسانی قواعد و ضوابط ضابطہ، تحریر میں آئے۔ اس طرح گویا گرامر ایجاد ہوئی، بلکہ یہ کہنا زیادہ مناسب ہو گا کہ اس طرح گرامر دریافت ہوئی۔ بالکل اسی طرح جس طرح سائنسی قوانین (قوانینِ فطرت ) انسان نے ایجاد نہیں کئے بلکہ دریافت کیے۔ کشش ثقل اور اس کے قوانین انسانی ایجاد نہیں بلکہ انسانی دریافت ہیں۔ بعینہِ لسانیات کے ماہرین نے سر جوڑ کر مروجہ زبان کے طور طریقوں کو سمجھنے کی کوشش کی اور اس کوشش میں گرامر اور لسانیات کے قواعد دریافت کیے۔ 

قرآن کریم میں اللہ باری تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے۔ 

(فِطرتَ اللہِ التی فَطَر َالناس عَلَیھَا۔ لا تبدیل لِخلقِِِ اللہ)

(سورہ روم) 

ترجمہ:۔ وہی تراش اللہ کی جس پر تراشا لوگوں کو۔ بدلنا نہیں اللہ کے بنائے ہوئے کو۔ 

کیا وجہ ہے کہ ایک دوسری سے ہزاروں کلو میٹر دور پیدا ہونے والی اور پھلنے پھولنے والی تہذیبوں میں ایک دوسری تہذیب سے کوئی تعلق نہ ہونے اور دوسری تہذیب کے کسی طرح کے اثرات قبول نہ کر سکنے کے باوجود ہر تہذیب و تمدن میں اچھائی و برائی کے تصورات ایک جیسے ہیں۔ اچھائی و اچھی قدریں ہر تہذیب و ہر زمانے میں اچھے تصورات و اقدار ہی ہیں۔ اور برائی اور ا س سے جنم لینے والی بری اقدار و برے تصورات ہر تہذیب و ہر دور میں برے ہیں۔ بدی ہر دور اور ہر تہذیب میں بدی ہے، اور نیکی ہر دور اور ہر تہذیب میں نیکی ہے۔ اچھے خیالات، نیکی، سچائی، احسان، ہمدردی، بڑوں کا ادب، چھوٹوں سے محبت و شفقت، کمزور کی طرف داری، غلط قدروں اور غلط تصورات کے خلاف آواز اٹھانا، اچھے کاموں کی حوصلہ افزائی اور برے کاموں، قتل و غارت گری، چوری، ڈاکہ زنی وغیرہ پر سزا ہر دور اور ہر معاشرے میں اچھی اقدار کے طور پر موجود رہے ہیں جن پر بجا طور پر فخر کیا جاتا ہے۔ 

اسی طرح دوسری طرف برے خیالات، بدی، جھوٹ، مکر و فریب، دغا بازی، شقاوت، سنگدلی، ظلم و جور، بد تمیزی، فحاشی و عریانی، چوری چکاری، ڈاکہ زنی، قتل و خون وغیرہ سب معاشرے کی برائیاں اور ناسور خیال کیے جاتے ہیں۔ 

تاریخ ہمیں کہیں بھی یہ اشارہ نہیں کرتی کہ مندرجہ بالا خیالات تصورات و اقدار کسی ایک تہذیب و تمدن سے دوسری تہذیب و تمدن میں کسی طور بھی منتقل ہوئے ہوں۔ یہ اقدار ہر تہذیب کی اپنی پیداوار سمجھی جا سکتی ہیں۔ خواہ وہ قدیم یونانی و مصری تہذیبیں ہوں، ان کا و سمیری و حطیطی تہذیبیں ہوں، چین و جاپان و ہندوستان کی تہذیبیں ہوں یا زمانہ جدید کی مشرقی و مغربی تہذیبیں ہوں۔ اچھی اقدار اچھی ہیں اور بری اقدار بری ہی سمجھی جاتی ہیں۔ گویا

ع کوئی معشوق ہے اس پردہ، زنگاری میں 

اور یہ کوئی معشوق، بجا طور پر خدائے لم یزل اللہ باری، تعالیٰ کی ذات کے علاوہ اور کون سی ہستی ہو سکتی ہے۔ 

حضرت علامہ شبیر احمد عثمانی تفسیرِ عثمانی میں مندرجہ بالا آیت کے بارے میں رقمطراز ہیں۔ 

’’اللہ تعالیٰ نے آدمی کی ساخت اور تراش شروع سے ایسی رکھی ہے کہ اگر وہ حق کو سمجھنا اور قبول کرنا چاہے تو کر سکے ا ور بداء فطرت سے اپنی اجمالی معرفت کی ایک چمک اس کے دل میں بطور تخمِ ہدایت کے ڈال دی ہے۔ اور اگر گرد و پیش کے احوال و ماحول کے خراب اثرات سے متاثر نہ ہو اور اصلی طبیعت پر چھوڑ دیا جائے تو یقیناً دینِ حق کو اختیار کرے اور کسی دوسری طرف متوجہ نہ ہو۔ ’’ عہدِ الست‘‘ کے قصے میں اسی کی طرف اشارہ ہے ‘‘۔ 

یعنی عہدِ الست ہی وہ واحد موقع ہے جب ان تمام تہذیبوں کے اجزائے ترکیبی یعنی حضرتِ انسان کی تمام نوع، تمام ارواح نے ایک مقام پر یکجا ہو کر ایک زبان اور ایک آواز کے ساتھ اللہ رب العزت کے سوال (الست بربکم ) کے جواب میں (بلیٰ ) کہا تھا۔ اسی اللہ رب العزت نے قوموں کو تہذیب تمدن، اقدار و تصورات عطائ فرمائے، اور تہذیبوں کی نشو و نماء اور پروان و پرداخت کا مالک بنا۔ 

اسی طرح اللہ رب العزت نے انسانی تہذیبوں کو مختلف زبانیں عطا ئ کیں اور ان زبانوں کی پروان و پرداخت کا مالک بنا۔ زبانوں کے ایک دوسری سے مکمل طور پر الگ ہونے کے باوجود ہمیں ان گنت الفاظ و ترکیبات و خیالات کی یکسانی پر حیرت ہوتی ہے۔ 

۱۔ ماں، ماتا، مام، ا،م، مادر، مدر، ممی، جیسے ملتے جلتے الفاظ ماں کیلئے، دنیا کی مختلف زبانوں میں استعمال ہوتے ہیں۔ 

۲۔ عزت و تکریم کے لئے جمع کا صیغہ دنیا کی کئی زبانوں میں مستعمل ہے، یعنی انگریزی میں وی (we) اردو میں ہم، عربی میں نحن وغیرہ کا استعمال نہ صرف اللہ رب العزت کی زبانی ہمیں قرآن کریم میں ملتا ہے، بلکہ دنیوی دیگر بادشاہوں اور متبرک ہستیوں کی زبانی بھی ادا ہوتا ہے۔ 

۳۔ ذیل میں ایک جدول کے ذریعے اردو، انگریزی، عربی و عبرانی کے چند الفاظ درج ہیں جو ایک جیسے ہی ہیں۔ 

اردو

انگریزی

عربی

(مندرجہ بالا جدول شیخ احمد دیدات کے خطبات سے لیا گیا ہے۔ )

اب اگر مذکورہ بالا مبحث اور دلائل کی روشنی میں منصوبہ، خداوندی کو سمجھنے کی کوشش کی جائے تو بے جا نہ ہو گا۔ 

معاہدہ، ازلی سے بہت پہلے جب اللہ رب العزت نے قرآن کریم کو لوحِ محفوظ میں ودیعت فرمایا، اسی دن گویا بارگاہِ ایزدی میں یہ فیصلہ ہو چکا تھا کہ اس قرآن کو اپنے محبوب بندے حضرتِ محمد مصطفے ٰ ﷺ پر نازل فرمانے کے لئے زبانِ عربی ہی مناسب ترین زبان ہے۔ لہٰذا بقول ڈاکٹر محمود احمد غازی، عربی زبان رسول اللہ ﷺ کی ولادتِ مبارکہ سے کم و بیش ساڑھے تین سو سال پہلے سے بولی جا رہی تھی۔ 

درآنحالیکہ جب نبی امی ﷺ کو اہلِ عرب میں مبعوث فرمانے اور قرآنِ کریم کو ان پر عربی زبان میں نازل فرمانے کا وقت آیا تو اس وقت عربی زبان نہ صرف دنیا کی سب سے بہترین زبان کی شکل میں موجود تھی، بلکہ اس وقت وہ اپنے عروجِ کمال کو پہنچی ہوئی تھی۔ چنانچہ اہلِ عرب اپنی زبان پر بجا طور پر فخر کرتے تھے اور اپنے آپ کو فصیح اور دیگر عالم کو عجم یعنی گونگا سمجھتے تھے۔ 

مندرجہ بالا صورتحال کا ادراک و اظہار نہ صرف عربوں نے بلکہ زمانہ، قدیم و جدید کے غیر عربوں اور غیر مسلموں نے بھی برملا کیا، چنانچہ مشہور مستشرق دوبوئر اپنی کتاب تاریخِ فلسفہ، اسلام میں رقم طرا زہے۔ 

’’عربی زبان جس کے لفظوں اور ترکیبوں کی کثرت اور انصراف کی صلاحیت پر عربوں کو خاص طور پر ناز تھا، دنیا میں ایک اہم حیثیت حاصل کرنے کے لئے بہت موزوں تھی۔ اسے دوسری زبانوں خصوصاً ثقیل لاطینی اور پر مبالغہ فارسی کے مقابلے میں یہ امتیاز حاصل ہے کہ اس میں مختصر اور مجرد اوزان موجود ہیں۔ یہ بات علمی اصطلاحوں کیلئے بہت مفید ثابت ہوئی۔ عربی زبان میں باریک سے باریک فرق ظاہر کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ‘‘

آگے چل کر فاضل مصنف لکھتا ہے۔ 

’’ عربی جیسی فصیح، پر معنی اور مشکل زبان نے شامیوں اور ایرانیوں کی تعلیمی زبان بن کر بہت سے نئے مسائل پیدا کر دئیے۔ اول تو قرآن کے مطالعے، تجوید اور تفسیر کے لیے زبان پر عبور ضروری تھا، کفار کو یقین تھا کہ وہ کلام اللہ میں ز بان کی غلطیاں دکھا سکتے ہیں، اس لئے جاہلیت کے اشعار اور بدویوں کے روز مرہ سے مثالیں جمع کی گئیں تاکہ قرآنی عبارت کی صحت ثابت کی جائے اور اسی سلسلے میں زبان دانی کے عام اصولوں سے بھی بحث کی گئی۔ ‘‘

(از تاریخِ فلسفۂ  اسلام از ٹ۔ ج۔ دوبو ئر۔  مترجم ڈاکٹر عابد حسین) 

عربی زبان کی وہ انصراف کی صلاحیت اور مجرد اور مختصر اوزان کی خصوصیت کیا ہے۔ اس صلاحیت و خصوصیت کو ہم ایک جادوئی لفظ ’’ ثلاثی مجرد‘‘ سے ظاہر کریں تو بے جا نہ ہو گا۔ 

ثلاثی مجرد سے مراد وہ سہ حرفی مادہ ہے جو عربی زبان کے نوے فیصد افعال ِ منصرفہ اور اسمائے مشتقہ کی بنیاد ہے۔ 

اب پیرایہ، خیال اور نفس ِ مضمون کے اندر رہتے ہوے مندرجہ بالا مبحث کا مزید جائزہ لینے کے لیے علم الصرف کی اہم اصطلاحات کی آسان تعریف کر دی جائے تو بے جا نہ ہو گا۔ 

عربی کا مشہور مقولہ ہے ’’ الصرف ام العلوم‘‘ یعنی علم الصرف تمام علوم کی ماں ہے۔ در اصل صیغوں کی پہچان کے علم کو علم الصرف کہتے ہیں جس سے لفظوں کو گرداننے کا طریقہ اور ایک صیغہ سے دوسرا صیغہ بنانے کا قاعدہ معلوم ہوتا ہے۔ 

فعل دو قسم کا ہوتا ہے، ماضی اور مضارع۔ ماضی جس میں کام کا ہو چکنا معلوم ہوتا ہے اور کام اگر اب تک ہوا نہیں، بلکہ ہو رہا ہے یا ہو گا تو اس صورت میں مضارع کا فعل استعمال ہوتا ہے۔ 

فعل میں عموماً تین حروفِ اصلیہ ہوتے ہیں، مگر بعض فعلوں میں چار بھی ہوتے ہیں۔ اسی طرح اسم میں اصلی حروف عام طور پر تین، چار یا پانچ ہوتے ہیں۔ 

ثلاثی:۔ اس فعل یا اسم کو کہتے ہیں تین اصلی حروف ہوتے ہیں۔ جیسے ضرب، نصر وغیرہ۔ 

رباعی:۔ اس فعل یا اسم کو کہتے ہیں جس میں چار اصلی حروف ہوتے ہیں جیسے بعثر، دحرج وغیرہ۔ 

خماسی:۔ اس اسم کو کہتے ہیں جس میں پانچ اصلی حروف ہوتے ہیں۔ 

اب ان ثلاثی، رباعی اور خماسی الفاظ میں سے ہر ایک کی دو، د و قسمیں ہیں، ثلاثی مجرد اور ثلاثی مزید فیہ، رباعی مجرداور رباعی مزید فیہ، خماسی مجرد اور خماسی مزید فیہ۔ 

اگر فعل کے صیغہ ماضی واحد مذکر غائب میں صرف تین یا چار حروفِ اصلی موجود ہوں اور کوئی حروفِ زائدہ نہ ہو تو اسے مجرد کہتے ہیں۔ جیسے ضرب، نصر ثلاثی مجرد ہیں بعثر، دحرج وغیرہ رباعی مجرد ہیں۔ لیکن اگر فعل کے صیغہ ماضی واحد مذکر غائب میں حروف اصلیہ کے ساتھ کوئی حرفِ زائد بھی ہو، تو اسے مزید فیہ کہا جاتا ہے۔ جیسے اِجتنب، اِستنصر، ثلاثی مزید فیہ اور تسربل، تذندق رباعی مزید فیہ کی مثالیں ہیں۔ 

لفظ کے حروفِ اصلیہ کو مادّہ کہتے ہیں۔ گویا کم از کم صرف تین حروف پر مشتمل ایک مختصر ترین لفظ جو حروفِ اصلیہ پر مشتمل ہوتا ہے، لفظ کا مادّہ کہلاتا ہے۔ اور پھر اسی مادے سے مصدر اور اس کے تمام مشتقات کے علاوہ افعال کی تمام حالتیں وجود میں آ جاتی ہیں۔ پھر ایک بڑا کمال یہ ہے کہ فعل کے ہر صیغے میں فاعل کی ضمیر موجود ہوتی ہے، جو ضمائر مرفوعہ متصلہ کہلاتی ہیں۔ 

اب ان مختصر ترین حروفِ اصلیہ اور ان کے ساتھ متصل چند حروفِ زائدہ اور ضمائرِ مرفوعہ متصلہ کے ادغام سے عربی زبان کے وہ تمام جامع ترین الفاظ وجود میں آتے ہیں جو کسی اسم و فعل کی تمام ضروریات کو بدرجہ اتم پورا کر رہے ہوتے ہیں۔ اور اردو زبان کی طرح فعل کے ساتھ ‘ کرنا‘ کا لاحقہ لگانے کی حاجت بھی محسوس نہیں ہوتی۔ صرف ایک مختصر ترین لفظ ضرب کا مکمل ترجمہ اس ایک مرد نے مارا یا اس ایک مرد نے بیان کیا، ہوتا ہے۔ اب جب اسی ایک مختصر ترین لفظ سے حاضر، غائب اور متکلم کے چودہ صیغے (واحد مذکر غائب، تثنیہ مذکر غائب، جمع مذکر غائب، واحد مونث غائب، تثنیہ مونث غائب، جمع مونث غائب، واحد مذکر حاضر، تثنیہ مذکر حاضر، جمع مذکر حاضر، واحد مونث حاضر، تثنیہ مونث حاضر، جمع مونث حاضر، واحد مذکر و مونث متکلم، تثنیہ و جمع مذکر و مونث متکلم) وجود میں آ تے ہیں، اور وہ بھی اس طرح سے کہ اس مختصر ترین لفظ کے لئے ہر صیغے سے اثبات ماضی معروف، اثبات ماضی مجہول، نفی ماضی معروف، نفی ماضی مجہول، اثبات مضارع معروف، اثبات مضارع مجہول، نفی مضارع معروف، نفی مضارع مجہول، نفی تاکید بہ لن فعل مستقبل معروف، نفی تاکید بہ لن فعل مستقبل مجہول، نفی جحد بہ لم فعل مستقبل معروف، نفی جحد بہ لم فعل مستقبل مجہول، لام تاکید بہ نونِ ثقیلہ مستقبل معروف، لام تاکید بہ نونِ ثقیلہ مستقبل مجہول، لام تاکید بہ نونِ خفیفہ مستقبل معروف، لام تاکید بہ نونِ خفیفہ مستقبل مجہول، امر معروف، امر مجہول، امر معروف بہ نونِ ثقیلہ، امر مجہول بہ نونِ ثقیلہ، امر معروف بہ نونِ خفیفہ، امر مجہول بہ نونِ خفیفہ، نہی معروف، نہی مجہول، نہی معروف بہ نونِ ثقیلہ، نہی مجہول بہ نونِ ثقیلہ، نہی معروف بہ نونِ خفیفہ، نہی مجہول بہ نونِ خفیفہ کے علاوہ مختلف اقسام کے اسم جن میں اسم فاعل اسم مفعول، اسم تفضیل، اسمِ ظرف، اسمِ آلہ، اسم مبالغہ اور صفتِ مشبہ جیسے تمام الفاظ وجود میں آتے ہیں۔ یہ تمام الفاظ ایک محتاط اندازے کے مطابق تقریباً پانچ سو الفاظ بنتے ہیں۔ گویا ایک مادے سے کم و بیش پانچ سو الفاظ وجود میں آ سکتے ہیں۔ 

مولٰنا مشتاق چرتھاولی نے اپنی کتاب صفوۃ المصادر میں تقریباً ایک ہزر کے لگ بھگ مصادر تحریر کیے ہیں۔ عربی میں الفاظ خاص طور پر مختصر الفاظ کے اتنے بڑے ذخیرے کی موجودگی میں یہ بات خاص طور پر نوٹ کی جانی چاہیے کہ اس وسیع زبان میں ایک ایک لفظ کے کئی معانی اور ایک معنی کے کئی الفاظ کثرت سے موجود ہیں، یعنی اس زبان میں باریک سے باریک فرق کو ظاہر کرنے کی صلاحیت بھی بدرجہ اتم موجود ہے۔ 

جناب طالب ہاشمی نے اپنی کتاب ’’ اصلاحِ تلفظ اور املا ‘‘ میں اردو کے ان الفاظ کا ذکر کیا ہے جو عربی سے اردو میں آئے ہیں۔ اس سلسلے میں انھوں نے عربی کے سہ حرفی، چار حرفی، پانچ حرفی، چھ حرفی اور سات حرفی مصادر کے ۶۵ اوزان سے تقریباً ساڑھے چھ سو الفاظ رقم کئے ہیں، لیکن قابل توجہ بات یہ ہے کہ یہ سب الفاظ اپنی موجودہ حالت ہی میں اردو میں وارد ہوے ہیں اور اس خاص مصدر کے باقی عربی الفاظ اردو کے ا لئے جنبی ہی ہیں۔ یہ بات اردو کی کوتاہ دامنی کی طرف اشارہ کے یا نہ کرے عربی کی وسیع دامنی کی طرف ضرور اشارہ کرتی ہے۔ 

امید ہے کہ میں قاری کے دل میں وہ آتشِ شوق بھڑکانے میں کامیاب ہو پایا ہوں، جو میرے اس مضمون کا مقصد و مدعا تھا۔ عربی زبان اس لیے تو محترم ہے ہی کہ یہ قرآن و سنت کی زبان ہے، بلکہ یہ اس لیے بھی قابلِ ستائش اور سیکھنے کے لائق ہے کہ یہ دنیا کی بہترین زبان ہے۔ حدیث نبوی ö ہے ‘ خیرکم من تعلم القرآن و علمہ‘ تم میں سے بہتر وہ ہیں جنھوں نے قرآن سیکھا اور دوسروں کو سکھایا۔ قرآن کے سیکھنے اور سکھانے کے لیے عربی ضروری تو ہے ہی، پھر اگر اسے اس کے محاسن و خوبیوں کو پرکھتے ہوئے، شوق سے سیکھا جائے تو سونے پر سہاگہ ہے۔ 

٭٭٭


 (۲)



(بسم اللہ الر حمٰن الر حیم) الحمد لللہ وکفیٰ والصلوٰۃ السلام علیٰ عبادہِ الذین اصطفیٰ والذی انزل فی کتابہ (ام یقولون افترٰہ، قل فاتوا بسورۃ مثلہ وادعوا من استطعتم من دون اللہ ان کنتم صادقین)۔ اما بعد

مندرجہ بالا آیات سے ایک بات واضح ہے کہ ان آیات میں مسلمانوں اور متقین سے خطاب نہیں ہے بلکہ دراصل خطاب مشرکین اور کفار سے ہے اور انھیں ان کے اس مغالطے کی وجہ سے کہ قرآن پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ﷺ کی لکھی ہوئی کتاب ہے، ایک کھلا چیلنج دیا گیا ہے کہ وہ اپنے تمام مددگاروں سے مدد لے کر بھی اس قرآن جیسی کوئی سورۃ نہیں بنا سکتے۔ جیسا کہ سورۃ میں ارشاد باری، تعالیٰ ہے۔ 

(قل لئن اجتمعت الانس والجن علیٰ ان یاتوا بمثل ھٰذا القرآن لا یا تون بمثلہ، ولو کان بعضھم لبعض ظھیرا)

یہ چیلنج جو شروع میں ایک پورا قرآن بنانے سے متعلق تھا بتدریج آسان کیا گیا تاکہ مشرکین پر یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہو جائے کہ قرآن اللہ رب العزت کی کتاب ہے اور وہی اس کی حفاظت کرنے والا ہے۔ چنانچہ ارشاد ہوتا ہے۔ 

۔ (ام یقولون افترٰہ، قل فاتوا بعشر سور مثلہ مفتریٰت وادعوا من استطعتم من دون اللہ ان کنتم صادقین)

اسی طرح ارشاد ہوتا ہے۔ 

(و ان کنتم فی ریب مما نزلناعلیٰ عبدنا فاتو ابسورۃ من مثلہ۔ وادعوا شھدآئ کممن دون اللہ ان کنتم صٰدقین)

گویا یہ چیلنج جو ایک قرآن بنانے سے شروع ہوا اور رفتہ رفتہ دس سورتوں اور پھر ایک سورت تک مختصر اور سہل کر دیا گیا پھر بھی کفار آج چودہ سو سال بعد بھی اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود اس چیلنج کا سامنا نہیں کر سکے۔ 

بعثتِ نبوی کے وقت اہلِ عرب کی اپنی زبان عربی تھی جس پر وہ جتنا بھی ناز کرتے کم تھا۔ اس زبان کی فصاحت و بلاغت،لطافت، حلاوت، جاذبیت،وسعت، معنی خیزی، خوبصورتی، ان کی نظر میں بجا طور پر دنیا کی دیگر زبانوں سے زیادہ تھی۔ وہ اپنے آپ کو اس زبان کے مالک ہونے کے ناطے عرب اور دوسروں کو عجم یعنی گونگا کہتے تھے۔ اللہ نے اپنے آخری نبی کے لیے اس علاقے اور اس زبان کو چنا اور اسی زبان میں قرآنِ معجز بیان کو اپنے نبی ﷺ پر نازل فرمایا۔ اللہ کی اس کتاب ہدایت کے دو پہلو ہیں، ایک تو اس کا اندازِ بیان اور دوسرا اس کا ابدی پیغام۔ اندازِ بیان اس کا، کافروں اور یقین نہ کرنے والوں کے لیے معجز کر دینے والا اور متقین کے لیے اللہ رب العزت کا ایک کھلا معجزہ جو رہتی دنیا کے لیے ایک بے مثال کارنامے کے طور پر مسلمانوں کی ہدایت کا ذریعہ ہے۔ 

جہاں تک اس کے ابدی پیغام کا تعلق ہے، یہ ان بار بار دہرائی جانے والی سات آیات یعنی سورۃ فاتحہ کے جواب میں مسلمانوں کو عطا کیا گیا۔ سورہ فاتحہ میں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو دعا کا قرینہ سکھایا۔ 

زیر نظر مضمون میں ہم قرآن معجز بیان کی بیان کر دہ پہلی صفت یعنی انداز بیان سے بحث کریں گے۔ اور اس کی ندرت، لطافت اور دل پذیری اور فصاحت و بلاغت کا ذکر کریں گے۔ 

اللہ رب العزت نے اپنے بندے محمد ﷺ پر پہلی وحی نازل فرمائی اور آپ کو نبوت عطا فرمائی تو اس سے پہلے دنیا والوں پر اس حقیقت کو واضح کر دیا کہ یہ بندہ لکھنا پڑھنا نہیں جانتا، امی ہے۔ پہلی وحی نازل ہوئی تو فرشتے نے آپ ﷺ کو جکڑ لیا اور آپ سے کہا، ’’ اقراء‘‘(پڑھئے )۔ 

آپ نے جواب دیا، ’’ ما انا بقارٍ‘‘ یعنی میں پڑھنا نہیں جانتا۔ یہ گو یا اس حقیقت کا اظہار تھا کہ ایک امی کی زبانی ایسا کلام دنیا والوں کو دیا گیا جسے سن کر لوگ مبہوت رہ جاتے تھے، دوسروں کو اس کلام کے سننے سے منع کرتے تھے لیکن زبان دانی کی چاشنی ایسی تھی کہ خود چھپ چھپ کر اس کلام کو سننے کے لیے آ جاتے۔ وہ جو فصاحت و بلاغت کا دعویٰ کرتے تھے، اس کلام کو سن کر دنگ رہ جاتے اور یہ کہنے پر مجبور ہو جاتے کہ یہ تو جادو ہے۔ 

لبید بن ربیعہ عامری، جن کے کلام کا شمار ان شہہ پاروں میں سے ہوتا تھا جنھیں خانہ کعبہ میں لٹکایا جاتا تھا، جب اللہ نے توفیق بخشی اور اسلام لے آئے تو شاعری چھوڑ دی۔ بعد میں ایک مرتبہ حضرت عمرؓ نے ان سے کچھ نیا کلام سننے کی فرمائش کی تو کہنے لگے کہ جب سے مجھے اللہ تعالیٰ نے سورۃ بقرۃ اور سورۃ آلِ عمران کی تعلیم دی، میں نے شاعری چھوڑ دی۔ 

حضرت عمر رضی اللہ عنہ گھر سے کسی اور ارادے سے نکلے تھے لیکن چھپ چھپ کر کلامِ اللہ سنتے رہتے تھے اس لیے دل نرم ہو چکا تھا۔ اس دن جب اللہ کا کلام سنا اور پڑھا تو دل کی اور ہی حالت ہو گئی۔ ایسی کایا پلٹ ہوئی کہ فوراً خدمت نبویﷺ میں پہنچے اور ایمان لے آئے۔ 

نجاشی کے دربار میں جب مشرکین ِ عرب نے جھوٹی شکایت کی کہ یہ لوگ تو آپ کے نبی حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے متعلق کچھ غلط قسم کے اعتقادات رکھتے ہیں، اور پھر نجاشی کی فرمائش پر حضرت جعفر طیارؓ  نے سورۃ مریم کی آیات تلاوت کیں تو نجاشی جھوم گئے کہ جو کچھ پڑھا گیا، حضرت عیسیٰ (ع)اس سے ایک ذرہ برابر بھی کم یا زیادہ نہیں تھے۔ 

خلفائے راشدہ کے دور میں جب اسلام تیزی سے پھیلنا شروع ہوا یہاں تک کہ جزیرہ نمائے عرب سے باہر نکل کر ایران عراق روم و افریقہ اس کے زیر نگیں آ گئے اور عجمیوں نے جوق در جوق اسلام قبول کرنا شروع کر دیا تو صحابہ کرام و تابعین و تبع تابعین کی ایک بڑی تعداد نے قرآن و سنت کی ترویج و پھیلاؤ میں ایک بہت بڑا کر دار ادا کیا۔ تمام اسلامی علوم جو صحابہ ؓ کے پاس اللہ کے رسول ﷺ کی امانت کے طور پر تھے اور اللہ کے رسول ﷺ نے انھیں حکم دیا تھا کہ وہ انھیں ان لوگوں تک پہنچا دیں جو موجود نہیں، لہٰذا ان ہستیوں نے اس فرض کو نبھانے کا کام بحسن و خوبی انجام دیا اور اسلام پھیلایا۔ اس سلسلے میں چونکہ عربی ایک بنیادی عنصر تھی، اور جب تک اسلام جزیرہ نمائے عرب میں رہا قرآن و سنت کی ترویج میں کوئی رکاوٹ محسوس نہیں ہوئی اس لیے کہ تمام لوگوں کی مادری زبان عربی تھی اور انھیں اس کو سمجھنے میں کوئی دشواری محسوس نہیں ہوتی تھی، لیکن جب عجمیوں نے قرآن پڑھنا شروع کیا اور اس کو سمجھنے کی کوشش کی تو عربی زبان کی ترویج و ترقی کی ضرورت محسوس کی گئی۔ کئی علوم صرف عربی زبان کو غیر عربیوں تک پہنچانے کے لیے ایجاد کیے گئے، جن میں علم الصرف، علم النحو، علم عروض و علم کلام وغیرہ شامل ہیں۔ 

خود قرآن نے عربی زبان پر کتنا گہرا اثر ڈالا ہے اس کا اندازہ ایک طرف تو اس بات سے ہوتا ہے کہ قرآن کے اعجاز کی وجہ سے خود عربی زبان زندہ جاوید ہو گئی۔ جہاں تین ساڑھے تین سو سال بعد زبان بدل جاتی ہے وہیں آج چودہ پندرہ سو سال بعد بھی عربی زبان اسی طرح موجود ہے اور رہے گی۔ دوسری طرف ذرا عربی کے ان محاوروں اور ضرب الامثال اور بول چال کے طریقوں کا اندازہ کیجیے جو قرآن کے مرہونِ منت ہیں تو حیرت ہوتی ہے۔ ڈاکٹر محمود احمد غازی نے اپنی کتاب محاضراتِ قرآنی میں امثال القرآن کے موضوع پر لکھتے ہوئے علامہ سیوتی کے حوالے سے بطور مثال کئی ایسے قرآنی جملے تحریر کیے ہیں جو عربی زبان میں ضرب المثل کے طور پر عام ہو گئے ہیں، مثلاً:

۔ ولا یحیق المکر السیی الا باھلہ

۔ کل یعمل علی شاکلتہ

۔ ما علی الرسول الا البلاغ

۔ کل حزب بما لدیھم فرحون

۔ ھل جزائ الاحسان الا الا حسان

۔ ولا ینبئک مثل خبیر

۔ وقلیل ماھم

اسی طرح نقطوں اور اعراب کے بارے میں ڈاکٹر غازی آگے لکھتے ہیں۔ 

’’ جب نئے لوگ اسلام میں داخل ہونے لگے، جن میں اکثریت غیر عربوں کی تھی تو ضرورت پیش آئی کہ قرآن مجید پڑھانے سے پہلے ان کو یہ بھی سکھایا جائے کہ وہ عربی زبان کا تلفظ کس طرح کریں۔ ایک روایت کے مطابق حضرت علی ؓ  کے حکم سے ان کے شاگرد ابولاسود ویلی نے قرآن مجید پر پہلی بار نقطے لگائے۔ لیکن قرآنِ مجید میں نقطے لگانے کو سرکاری طور پر لازمی قرار دینے کی ہدایت اللہ تعالیٰ نے ایک ایسے آدمی کو دی جو اسلام کی تاریخ میں زیادہ نیک نام نہیں ہے۔ یعنی حجاج بن یوسف۔ اس نے بطور پالیسی کے یہ حکم دیا کہ آئندہ قرآن مجید کا کوئی نسخہ نقطوں کے بغیر نہ تو قبول کیا جائے گا اور نہ اس کی اجازت دی جائے گی۔ چنانچہ اس کے زمانے سے قرآن پر نقطے لگانے کا با قاعدہ رواج شروع ہوا۔ 

اعراب کا بھی ابھی تک رواج نہیں تھا۔ اس لیے کہ عربی جاننے والا زیر زبر کا محتاج نہیں ہوتا تھا۔ جو نیا شخص اسلام میں داخل ہوتا تھا وہ جلد ہی عربی سیکھ لیا کرتا تھا۔ آج بھی عام طور پر عربی کتابوں میں زیر زبر نہیں ہوتے،یہ کام دوسری صدی کے اواخر یا تیسری صدی ہجری کے اوائل میں ہوا۔ بنو عباس کے زمانے میں، اسلامی تاریخ کی ایک بہت اہم اور غیر معمولی شخصیت گزری ہے، جس کے بارے میں میں سمجھتا ہوں کہ انسانی تاریخ میں جتنے اعلیٰ ترین دماغ گزرے ہیں، ان میں وہ ایک تھا یعنی خلیل بن احمد الفراہیدی۔ وہ کئی علوم و فنون کا موجد ہے۔ اعراب بھی اس نے ایجاد کئے۔ اعراب کا تصور نہ صرف سب سے پہلے اسی نے دیا، بلکہ اس نے قرآن مجید پربھی اعراب لگائے۔ ‘‘

(محاضراتِ قرآنی از ڈاکٹر محمود احمد غازی۔ )

کہتے ہیں کہ علم نحو حضرت علی ؓ کی ایجاد ہے، بعض کے نزدیک ابوالاسود وائلی اس کے موجد ہیں۔ بہرحال یہ دونوں بزرگ اور سیبویہ، خلیل نحوی اور جاحظ وغیرہ اس فن کے بڑے نام ہیں۔ مشہور ولندیزی مستشرق دوبوئر نے اپنی تصنیف ’’تاریخ فلسفہ اسلام‘‘ میں لکھا ہے کہ

’’ اہل عرب مثل اور بہت سے علوم کے، علم لسان کا بانی حضرت علی ؓ  کو قرار دیتے ہیں بلکہ کلام کی تقسیم تین اجزائ میں جو ارسطو کی ایجاد ہے انھیں کی طرف منسوب کی جاتی ہے۔ اصل میں علم لسان کی بنائ کوفے اور بصرے میں پڑی تھی۔ ابتدائی نشو و نما پردہ اخفاء میں ہے کیونکہ پہلی چیز جو ہمیں نظر آتی ہے وہ سیبویہ کی مکمل صرف و نحو ہے۔ یہ ایک جید کتاب ہے جسے آگے چل کر متاخرین نے ابنِ سینا کے قانون کی طرح متعدد فضلاء کی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔ ‘‘

کہتے ہیں کہ ایک اعرابی نے جب حضرت علی ؓ  کے سامنے قرآن کریم کی ایک آیت کو غلط طور پر پڑھا تو۔ ۔ ۔ 

مولانا مشتاق چرتھاولی علم نحو کی تعریف کچھ یوں کرتے ہیں۔ 

’’ عربی کا علم نحو وہ علم ہے کہ جس میں اسم و فعل و حرف کو جوڑ کر جملہ بنانے کی ترکیب اور ہر کلمہ کے آخری حرف کی حالت معلوم ہو۔ ‘‘

جاننا چاہیے کہ ان اعراب کے عوامل کون کون سے ہیں۔ ذیل میں ملاحظہ ہو ان عوامل کا ایک اجمالی جائزہ۔ 

عواملِ اعراب کی دو قسمیں ہیں۔ لفظی و معنوی۔ 

لفظی عامل وہ ہے جو بظاہر لفظوں میں موجود ہو، اس کی تین قسمیں ہوتی ہیں، حروف، اسماء اور افعال۔ 

ان میں پہلی قسم کے حروف اسم پر عمل کرتے ہیں اور ان کی سات قسمیں ہیں۔ 

۱۔ حروفِ جر ۲۔ حروفِ مشبہہ بالفعل ۳۔ ما و لا ۴۔ لائے نفی جنس

۵۔ حروفِ نداء ۶۔ واو ۷۔ اِلا

دوسری قسم کے حروف فعل مضارع پر عمل کرتے ہیں اور ان کی دو قسمیں ہیں۔ 

۱۔ حروفِ ناصبہ ۲۔ حروفِ جازمہ

اسمائے عاملہ کی گیارہ قسمیں ہوتی ہیں۔ 

۱۔ اسمائے شرطیہ ۲۔ اسمائے افعال ۳۔ اسمِ فاعل

۴۔ اسمِ مفعول ۵۔ صفتِ مشبہ ۶۔ اسمِ تفضیل

۷۔ مصدر ۸۔ اسمِ مضاف ۹۔ اسمِ تام

۱۰۔ اسمائے کنایہ ۱۱۔ 

اسی طرح حروفِ غیرِ عاملہ کی سولہ قسمیں ہوتی ہیں۔ 

ادھر عوامل معنوی وہ ہوتے ہیں جو ظاہری لفظوں میں موجود نہیں ہوتے، ان کی دو قسمیں ہوتی ہیں۔ 

یہ کل لفظی و معنوی عوامل جو اعراب کی وجہِ عمل ہوتے ہیں تعداد میں سو ہیں، جن کی تفصیل الشیخ الامام عبدلقاہر جرجانی نے اپنے کتابچے شرح ماتہ عامل میں بیان کی ہے۔ ان عوامل کے مطالعے کی روشنی میں قرآن ِ مجید کا مطالعہ کیا جائے تو لطف دوبالا ہو جاتا ہے اور ہم عجمیوں پر بھی اسرارِ لطیف کا ظہور ہوتا ہے۔ 

مثال کے طور پر’ الیٰ‘ ایک حرفِ جا رہ ہے۔ یہ جب انتہائے غایت کے لیے استعمال ہوتا ہے تو اس کی دو قسمیں ہوتی ہیں۔ کبھی اس کا مابعد اس کے ماقبل میں داخل ہوتا ہے، جبکہ اس کا ماقبل اور ما بعد ایک ہی جنس سے تعلق رکھتے ہوں، اور کبھی اس کا مابعد اس کے ما قبل میں داخل نہیں ہوتا، جبکہ دونوں کا تعلق ایک جنس سے نہ ہو۔ قرآن مجید میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے۔ 

(فاغسلوا وجوھکم وایدیکم الیٰ المرافق)۔ یعنی اپنے چہروں اور اپنے ہاتھوں کو کہنیوں تک دھو لیا کرو۔ اس میں چونکہ ہاتھ اور کہنیاں ایک ہی جنس سے تعلق رکھتے ہیں لہٰذا ہاتھوں کو دھوتے وقت کہنیوں کو شامل کرنا چاہیے۔ 

اسی طرح ایک اور جگہ ارشاد باری تعالیٰ ہوتا ہے۔ 

(ثم اتموا الصیام الیٰ اللیل)۔ ترجمہ۔ پھر رات تک روزہ پورا کرو۔ مندرجہ آیہ مبارکہ میں حرفِ جر ’الیٰ‘ استعمال ہوا ہے مگر اس حال میں کہ اس کا ما قبل چونکہ اس کے مابعد کی جنس سے نہیں ہے، یعنی الصیام اور اللیل دو مختلف جنس سے ہیں لہٰذا ما بعد یعنی اللیل (رات ) ما قبل یعنی الصیام(روزہ) میں شامل نہیں 

ایک اور آیت میں ارشاد باری تعالیٰ ہے۔ 

(قل للمؤ منین یغضو من ابصارِھم و یحفضو فروجھم)۔ ترجمہ: مسلمان مردوں کہو کہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت رکھیں۔ اس آیہ مبارکہ میں دو حکم ہیں پہلے حکم میں حرفِ جر ‘من‘ استعمال ہوا ہے جو تبعیض کے لیے ہے یعنی اپنی نظروں کو نیچی رکھیں اور غیر محرم کو نہ دیکھیں جبکہ دوسرا حکم قطعی نوعیت کا ہے کہ اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں جس میں کوئی گنجائش نہیں۔ ظاہر ہے کہ نگاہیں مکمل نیچی رکھ کر چلنا ناممکن ہے اور انسان کے بس سے باہر ہے، لہٰذا غیر محرم پر نادانستہ پہلی نظر پڑ جانے کی معافی ہے، جس کے بعد دوسری مرتبہ دانستہ نہ دیکھیں۔ 

اسی طرح ایک دوسری آیت میں ارشاد باری تعالیٰ ہے 

(یغفر لکم من ذنوبکم) یعنی تمہیں تمہارے گناہ بخش دے گا۔ اس آیت مبارکہ میں من زائدہ استعمال ہوا ہے۔ 

ایک اور جگہ ارشاد ہوتا ہے۔ 

(رح)(لا حول و لا قوۃ الا باللہ)۔ اس آیہ مبارکہ میں جو’ لا‘ استعمال ہوا ہے وہ ’لائے نفی جنس‘ (یعنی جنس کی نفی کرنے کے لیے )کہلاتا ہے اور اپنے بعد کے اسم کو نصب یعنی زبر دیتا ہے۔ گویا اب اس آیت کا ترجمہ یوں ہوا کہ’’ کوئی طاقت نہیں اور کوئی قوت نہیں مگر اللہ کے ذریعے۔ ‘‘ 

ظاہر ہے کہ اس لائے نفی جنس کی جگہ اگر ’ ما و لا ‘ والا نہیں استعمال ہوتا جو ساد۱ نفی کے معنی دیتا ہے، تو اس میں وہ قطعیت نہ آتی جو اس آیہ مبارکہ کے متن میں موجود ہے۔ 

امید ہے کہ میں قاری کے دل میں وہ آتشِ شوق بھڑکانے میں کامیاب ہو پایا ہوں، جو میرے اس مضمون کا مقصد و مدعا تھا۔ عربی زبان اس لیے تو محترم ہے ہی کہ یہ قرآن و سنت کی زبان ہے، بلکہ یہ اس لیے بھی قابلِ ستائش اور سیکھنے کے لائق ہے کہ یہ دنیا کی بہترین زبان ہے۔ حدیث نبوی ﷺ ہے ’خیرکم من تعلم القرآن و علمہ‘ تم میں سے بہتر وہ ہیں جنھوں نے قرآن سیکھا اور دوسروں کو سکھایا۔ قرآن کے سیکھنے اور سکھانے کے لیے عربی ضروری تو ہے ہی، پھر اگر اسے اس کے محاسن و خوبیوں کو پرکھتے ہوئے، شوق سے سیکھا جائے تو سونے پر سہاگہ ہے۔ 

٭٭٭



مصنف کی اجازت اور تشکر کے ساتھ
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
