﻿


مُٹھی بھر کتھائیں


																																						
مترجم : محمد افضل خان

																								فہرست



دستاویز
انور شمیم
 
قدروں کا تحفّظ ندی یا ہوا کے بہاؤ کے ساتھ بہتے ہوئے ممکن نہیں ہے،بلکہ اس کا تحفّظ غضبناک،تیز،جان لیوا دھار سے باہر،ٹھوس زمین تک پہنچنے کی کوششوں میں مضمر ہے۔
یہ الگ کہ سب ہانپتے کانپتے،آج کے اس صارفی عہد میں سب کو پیچھے چھوڑ کر ’سب سے آگے ‘نکل جانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔بالکل ایک سفّاک ’روبو‘ کی طرح،جس کی راہ میں کچھ بھی آئے سب کو کچلتے ہوئے اسے اپنے مشینی انداز میں بس چلتے رہنا ہے،خواہ روندا کچھ بھی جائے،سبزہ کہ معصومیت، خوشبو کہ انسانیت،روشنی کہ زندگی کی رمق، دھنک یا نمک۔ وہ محسوس نہیں کر سکتا ہے کہ وہ اپنی دھُن میں کیا کیا کچھ روندتا کچلتا جا رہا ہے۔اس لیے کے وہ ہر طرح کے جذبات و محسوسات سے عاری ہوتا ہے۔صرف ایک مشینی ڈبّہ۔کیا ہم ایسے ہی ہوتے جا رہے ہیں؟
سچ جانیے کہ ا نسانی معاشرے کا عالمی تناظر میں بنتا مزاج یا اس کی ذہنی ساخت کومستقبل کی دنیا کے لیے بہت بہتر نہیں تسلیم کیا جا سکتا ہے۔ ہمارے لیے یہی لمحۂ فکریہ ہے کہ کیا ہم آج کے مسابقاتی دوڑ میں، قدروں کو پامال کرتے ہوئے سب سے آگے نکل کر خود کو ’سب سے اشرف مخلوق‘ کہنے کا کوئی حق بھی رکھتے ہیں؟جس کی تخلیق، کائنات کو اور بھی خوبصورت بنانے کی وزنی ذمہ داری دے کر کی گئی ہو۔جس نے ا خراج جنت کے بعد ایک نئی جنت تعمیر کرنے کا عہد لیا ہو۔تو کیا یہ لمحہ فکریہ نہیں ہے کہ ہم اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کریں جب کہ ہم خود کو معاشرے کا سب سے حسّاس مخلوق ہونے کا تمغہ بھی عطا کرتے رہتے ہیں اور اپنے ادیب،شاعر،دانشور ہونے پر اتراتے بھی رہتے ہیں۔ کچھ اسی طرح کے خیالات ہیں محمد افضل خان کے، ہندی کے ۷۲ افسانچہ نگاروں کے افسانچوں کا یہ انتخاب ’’مُٹّھی بھر کتھائیں‘‘ میں شامل ہندی لگھو کتھاؤں (افسانچوں) کو اردو زبان دیتے ہوئے۔
ترجمہ ایک دقّت طلب اور ننگے پاؤں،پتھریلے رستوں سے گذر کر متن کی اصل،اس میں مضمر مقصدیت اور اس کی گہرائی تک پہنچنے کا دشوار مرحلہ طے کرنے کا چیلنج بھرا کام تو ہے ہی ساتھ ہی ساتھ یہ آپسی لین دین کا وسیلہ بھی ہے، باہمی ارتباط کا ذریعہ بھی ہے، مختلف زبانوں کے بولنے والوں کے درمیان پُل بنانے کا کام بھی ہے، عالم انسانیت کو ایک دوسرے سے جوڑ نے،ایک دوسرے کے تجربات و مشاہدات کو سمجھنے، ان سے استفادہ کرنے اور ایک دوسرے کو ’محسوس‘ کرنے کا عمل بھی ہے۔ یہ الگ کہ ترجمے کو ادبی اصناف میں وہ مقام نہیں دیا گیا جس کا یہ مشقتوں بھر اسود مندا کام مستحق ہے۔بلکہ آج بھی اسے کار زیاں کچھ سمجھنے والے سمجھتے ہیں۔ باوجود اس کے کچھ لوگ اس کام کے تئیں سنجیدہ بھی ہوئے ہیں۔ 
اردو میں تخلیقی نثر اور افسانوی ترجمے کا آغاز ملّا وجہی کی ’سب رس‘سے ہوتا ہے جو۱۶۳۵ء میں قطب شاہ کی فرمائش پرکیا گیا۔مغلیہ دور میں سنسکرت سے فارسی میں ترجمے ہوئے اور انگریزوں کی آمد کے بعد منصوبہ بند ترجموں کا آغاز اٹھارہویں صدی کی ابتداسے ہوا،لیکن ان ترجموں کا مقصد برطانوی حکومت کو استحکام دینا تھا یا ہند نژاد انگریز نسلیں پیدا کرنا تھا،یا مشنریوں کے ذریعہ عیسائیت کو فروغ دینا تھا۔حالاں کہ اسی اٹھارہویں صدی کے اوائل میں کئی دار الترجمے قائم کیے گئے، مثلاًسر سیّد کی سائنٹیفک سوسائٹی،دہلی ورینکل ٹرانسلیشن سوسائٹی،دار الترجمہ عثمانیہ،فورٹ ویلیم کالج وغیرہ۔جن کے ذریعہ ترجمے کا دائرہ منطق و فلسفہ،طب و ہیئت،اساطیر و تواریخ، دینیات و ادبیات اور مختلف علوم پر چند مستند کتابوں تک محدود تھا۔ نصف انیسویں صدی تک تو ترجمہ نگاری، شخصی دلچسپی، ذاتی یا انفرادی پسند نا پسند کے حصار میں گھری رہی اور انگریزی سے اخلاقی، غیر اخلاقی یاپُراسرار قصّے کہانیوں اور جاسوسی ناولوں یا فسانوں کے ترجموں تک سمٹی 

رہی۔اس لیے کہا جا سکتا ہے کہ اردو میں ترجمے کا یہ کام محکوم نفسیات کے زیر اثر انگریزیت کا طواف کرتا رہا۔ گرچہ سنسکرت،عربی، فارسی، لاطینی،فرانسیسی،روسی،جرمن زبان کا ادب بھی کوئی کم ترقی یافتہ نہیں تھا۔
دوسری جنگ عظیم کے بعد،نتیجے کے طور پر ظہور پذیر تباہیوں،خوفناکیوں اور انسانیت اور انسانی قدروں کی تاراجیوں نے،انسان،انسانی دنیا اور آفاقی قدروں کو بچائے رکھنے کی بے چینی محسوس کی اور قدروں کے تحفظ کی اہمیت و ضرورت کے تئیں بیدار ی آئی،جس بیداری کے نتیجے میں ترجمے کے تئیں لوگوں کے نظریات بدلے اور ترجمے کی ضرورت و اہمیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔غیر ملکی ادیبوں کے ساتھ چند ملکی ادیبوں مثلاً رابندر ناتھ ٹیگور،بنکِم چندر،شرت چندر،نذرالاسلام وغیرہ کی تصانیف کے اردو تراجم بھی منظر عام پر آئے،لیکن اردو میں یہ کام اتنا تھوڑا ہے کہ جسے نہیں کے برابر ہی کہا جا سکتا ہے۔
ہندوستان کثیر السان ملک ہے۔یہاں طرح طرح کی بولیاں اور زبانیں بولی جاتی ہیں۔یہ اچھی بات ہے کہ ان زبانوں کی ادبی نگارشات کے تراجم اردو میں آئیں اور یہ کوشش بھی کی جانی چاہیے کہ اردو کی چیزیں بھی دوسری زبانوں میں آئیں۔تاکہ انسانی معاشرے کو آپس میں جوڑنے اور انسان کو انسان سے قریب کرنے میں یہ کام، اہم کردار انجام دے سکے۔
’’مُٹھّی بھر کتھائیں‘‘ انہیں مثبت کوششوں کی طرف پیش رفت ہے۔اس انتخاب میں شامل افسانچوں کے تراجم پڑھتے ہوئے یہ فرق نہیں محسوس کیا جا سکتا ہے کہ یہ افسانچے اردو کے نہیں ہیں۔ محمد افضل خان نے اصل تصنیف سے تر جمہ کرتے ہوئے اس کے تخلیقی جوہر کو کسی بھی طرح مجروح نہیں ہونے دیا ہے۔انہوں نے ترجمہ کے بے حد نازک اور پیچیدہ کام کوبحسن و خوبی انجام دینے کی کوشش کی ہے۔میں امید کرتا ہوں کے ان کے اس کام کو سنجیدہ ادبی حلقے میں بے حد پذیرائی ملے گی۔جس کی یہ کتاب مستحق ہے۔
٭٭٭



محمد افضل خان
 
مجھے کہانیاں پسند ہیں۔ کیوں کہ زندگی سے جڑی کہانیاں، زندگی کو نئے زاویے سے دیکھنے کا نظریہ اور سمجھنے کا ذہن عطا کرتی ہیں۔ 
پشت سے تصوّرات و تخیّلات کے سَت رنگے پَر باندھے نیلگوں آسمان پرانسان خواہ جتنا بھی بلند اُڑے، اس کے پَیروں کے نیچے کی خوبصورت زمین بھی سچ ہے۔ کہانیاں اس سچ سے ہماری پہچان کراتی ہیں اور یہی ’پہچان‘ در اصل زندگی کرنے کا عمل ہے۔ ادب سے میرا رشتہ برائے تفریح نہیں بلکہ زندگی سے جڑے ہونے کا یقین ہے۔ 
بچپن سے گھر میں ادبی ماحول ملا، کھلونا،  نور، صدا،  بتول جیسے رسائل ہم بچوں کے لیے پابندی سے آتے تھے۔ ان کے علاوہ جیب خرچ سے کچھ پیسے بچا کر ہندی میں شائع ہونے والے بچوں کے چندرسائل مثلاً ’بالک،سُمَن سَوربھ‘ وغیرہ خرید لیا کرتا تھا۔کم سِنی سے باہر نکلتے نکلتے،اشتہائے ذوق کی سیری کے لیے میرے مطالعے میں اردو کے ساتھ ہندی کے کئی سنجیدہ ادبی رسائل بھی شامل ہو گئے۔ ابّا سے جناب انور شمیم کی دوستی تھی،ان کا ایک بڑا سا آنگن تھا۔ آنگن میں ایک طرف بڑا سا کنواں،کنواں کے چاروں طرف جوہی، بیلا،گلاب اور کئی اقسام کے کروٹنوں کے پودے،ہار سنگھار،نیم کا ایک چھتنار پیڑ اور کئی کئی قسم کے امرود کے درخت تھے۔ جہاں میں اور محلہ کے کئی دوسرے بچے اسکول سے چھٹی کے بعد کھیلنے پہنچ جاتے تھے۔ ہم بچوں کے کھیل میں شامل ہو کر انور شمیم صاحب بھی ہم جیسے ہی ہو جایا کرتے تھے۔ میں اکثر ان کے کمرے میں چلا جاتا۔کمرے کی تین دیواروں سے لگی الماریوں کے علاوہ ان کے بستر پر کئی ادبی رسائل پڑے ہوتے یا کتابیں بکھری ہوتیں،میں وہاں سے کچھ کتابیں اور رسائل لے آتا۔رات بھر جا گ کر پڑھتا۔پڑھتے ہوئے من میں کئی طرح کے سوالات پیدا ہوتے۔میں انور شمیم صاحب سے سوالات کرتا،وہ جواب دے کر میرے ابال کو کم بھی کرتے،ادب کیا ہے،ہم ادب کیوں تخلیق کرتے ہیں،ادب کو کیسا ہونا چاہیے،سمجھاتے بھی۔ اس طرح میرا ادبی ذوق پروان چڑھا۔ آج ادب سے میرا جو رشتہ ہے وہ انہیں کی تحریک اور ذہنی تربیت کا نتیجہ ہے۔شروع کے دنوں میں مَیں نے چھوٹے بڑے مصرعوں کے کچھ اشعار کہے اور اصلاح کی غرض سے جناب انور شمیم کو دکھلائے۔مسکراہٹ کے ساتھ ان کے چہرے پر کچھ کسیلا پن محسوس کیا میں نے۔انہوں نے مشورہ دیا ’تم شعر نہ کہا کرو،کہانیاں لکھو، اچھی کہانیاں لکھ سکتے ہو۔‘میں نے پہلی کہانی لکھی،انہیں دکھائی۔انہوں نے خوب پیٹھ تھپتھپائی۔کہانی کے تکنیکی محاسن اور معائب سمجھائے۔ ’خواب‘ جو ایک رومانی کہانی تھی جس کی اصلاح انہوں نے ہی کی اور وہ کہانی روزنامہ قومی تنظیم (پٹنہ) میں شائع ہوئی۔ اس طرح مجھ میں ایک قندیل روشن ہوئی۔ جس کے اجالے میں مَیں نے صحرا نوردی شروع کی اور یہ صحرا نوردی، سبک روی کے ساتھ جاری ہے۔
علی گڑھ میں داخلہ ملنے کے بعد ایک بڑا ادبی ماحول ملا۔ان شخصیات سے ملنے،سیکھنے کے مواقع نصیب ہوئے جنہیں رسائل میں دیکھتا، پڑھتا تھا۔ میں تاریخ کا طالب علم تھا لیکن اردو کو میں نے optional subject کے بطور رکھا تھا۔ پروفیسر شہریار ہمارے استاد تھے۔ میں انہیں ’امراؤ جان ‘ کے نغمہ نگار کے طور پر پہلے سے جانتا تھا،ان کی شاعری بھی پسند کرتا تھا، وہ شاعر تو اچھے ہیں لیکن استاد اچھے نہ تھے۔ کیوں کہ ان کے پڑھانے کا انداز اچھا نہ تھا۔ 
علی گڑھ میں دوران تعلیم راس مسعود ہال میں رہتا تھا وہاں ہال میگزین ’ مسعود ‘ کا میں پہلے جوائینٹ ایڈیٹر اور پھر چیف ایڈیٹر ہوا۔ علی گڑھ میں ادب کے بڑے اور معتبر ناموں سے ملنے، انہیں دیکھنے اور سننے کے مواقع اکثر ملا کیے۔ شعبہ اردو میں منعقد ہونے والے پروگراموں میں ملک اور بیرون ملک کے بڑے بڑے،معتبر اور مستند ادبا شعرا کی شرکت ہوا کرتی تھی، جیسے پروین شاکر،  محمد علوی، امجد اسلام امجد،  بشیر بدر،  راہی معصوم رضا،جاوید اختر۔۔۔  وغیرہ۔ انہیں دیکھ کر،سن کر، رسائل اور کتابیں پڑھ کر ادب کے ذریعہ کوئی بہت بڑا سروکاری اور افادی کام کرنے کی ایک نا آسودہ خواہش سر اٹھانے لگی۔میں ایسا سوچنے لگا کہ ادب سے کوئی بہت بڑا کام بھی لیا جا سکتا ہے۔کیوں کہ یہ غیر محسوس طریقے سے انسانی دل و دماغ پر اپنا اثر مرتب کرتا ہے۔جس کے ذریعہ پوری دنیا کو ایک ایسے گلوبل ویلیج میں بدلا جا سکتا ہے،جہاں انسان صرف انسان ہو،خدا کی خلق کردہ ہر شئے سے پیار کنے والا، ذرّے ذرّے میں حسن تلاش کرنے والا،اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود ایک دوسرے کا دکھ سکھ بانٹنے والا، دنیا کو ایک کنبہ سمجھنے والا اور خود کو اس کنبے کا ایک اہم فرد۔ اس طرح کے خیالات تھے میرے۔جن خیالات و افکار نے ادب کے ساتھ میرا ایک مضبوط جذباتی رشتہ قائم کر دیا۔اور علی گڑھ کے ماحول نے میرے ادبی ذوق اور تخلیقی شعور کو مانجھنے کا کام کیا۔
اس دوران میں نے دو افسانچے تحریر کیے پہلا افسانچہ ’محافظ ‘ جو پولس کے ظلم پر مبنی تھا اور دوسرا ’انصاف ‘ جو بابری مسجد کے انہدام کے پیش نظر عدالت کے فیصلے پر تھا۔ دونوں افسانچوں کی خوب پذیرائی ہوئی۔ وہ دونوں افسانچے روزنامہ قومی تنظیم (پٹنہ) اور علی گڑھ میگزین میں اشاعت پذیر ہوئے۔ چند افسانچے ماہ نامہ نکہت گل میں بھی شائع ہوئے۔ 
ماہنامہ نکہت گل نے ہر ماہ ایک ادیب کے انٹرویو کا سلسلہ شروع کیا، جس کے لیے میں نے ہند و پاک کے۱۲ ادبا، شعرا اور دانشوروں کے انٹر ویو کیے۔جن میں کچھ نام یاد ہیں جیسے، رام لعل، بشیر بدر، امجد اسلام امجد،  انور سدید،  رضا اشک،  انور شمیم، مناظر عاشق ہرگانوی وغیرہ
شروع ہی سے میرا جھکاؤ افسانے کی طرف تھا۔ افسانوں کا مطالعہ اور لکھنا جاری رہا۔ لیکن چھپنے چھپانے کا کوئی سلسلہ نہیں تھا۔افسانوں کی طرف میرے ذہنی جھکاؤ ہونے میں جناب انور شمیم کی تربیت کے ساتھ ہندی کے کچھ سنجیدہ ادبی رسائل کا بھی ہاتھ تھا۔ وہاں افسانے، اردو کے افسانوں سے بالکل مختلف تھے۔ elite classکا قصہ نہیں تھا۔اخروٹ کی لکڑی سے بنی بیضاوی میز پر برما، جاپان اور جرمنی کی کراکریز میں میوہ جات نہیں رکھے تھے،بلکہ معاشرتی سروکار تھا، المونیم کی پچکی ہانڈی تھی،کچرے چنتے بچے تھے،انسان کی بد حالی تھی،انسانیت کی پسپائی تھی۔ ان کہانیوں کو پڑھ کر خیال آتا کیوں نہ ان کا ترجمہ اردو میں کیا جائے۔ اس طرح میں نے ترجمے کی طرف دھیان دیا۔ اس کی ابتدا ۲۰۰۱ء میں کسوٹی جدید کی اشاعت کے ساتھ ہوئی۔ کسوٹی جدید کے ہر شمارے میں ایک ہندی کہانی یا تین چار ہندی افسانچوں کے تراجم شائع ہونے لگے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔
’’مُٹھّی بھر کتھائیں‘‘ آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ یہ ہندی میں لکھنے والے ۷۲ افسانچہ نگاروں کے افسانچوں کا اردو ترجمہ ہے۔جس میں شامل افسانچوں کا انتخاب، افسانچہ نگاروں کے نام کی مرعوبیت یا شہرت کا مرہون منت نہیں ہے،بلکہ افسانچہ نگاروں میں شعور کی بیداری،  حسّاسیت اور احساس ذمہ داری کا بیانیہ اظہار ہے۔
کام خواہ کچھ بھی کریں اور کرنے میں خواہ جتنے بھی چوکنّے رہیں کسی ’چوک‘ کے رہ جانے سے انکار نہیں کیاجاسکتا ہے۔ممکن ہے اس انتخاب میں بھی کچھ کمیاں کوتاہیاں نظر آئیں۔ مجھے خوشی ہو گی اگر’’ مُٹھی بھر کتھائیں‘‘ پڑھنے، دیکھنے کے بعد قارئین اپنی آرا میں اس جانب اشارہ کریں تاکہ آگے کچھ اور کام کرنے میں آسانی رہے۔
**




آرتی جھا
 
پیار
 
جھیل کے پانی کو ایک ٹَک دیکھنا اچھا لگ رہا تھا۔چپّو کی آواز سُریلی تھی۔ بوٹ والا
لڑکا اکیس بائیس سال کا ہو گا۔گہری بھوری آنکھیں کچھ ڈھونڈتی ہوئی سی۔۔۔ 
’’کیا کرتے ہو،بوٹ چلانے کے علاوہ؟‘‘میں نے پوچھا۔
’’پڑھائی۔۔۔ کامرس پڑھ رہا ہوں۔یہ پارٹ ٹائم جاب ہے میرا۔ابھی پِیک سیزن ہے نہ،ٹورسٹوں کی بھیڑ رہتی ہے،سو  اپنی بھی اچھی کمائی ہو جاتی ہے۔‘‘
’’بوٹ کیا تمہاری اپنی ہے؟‘‘
’’نہیں مالک کی ہے۔اپنی کہاں ۔۔۔ ؟‘‘تھوڑی دیر چُپ رہ کر وہ کچھ سوچتا رہا،پھر بولا۔’’لکڑی مہنگی ہے۔۔۔ تیس چالیس ہزار روپے پڑ جاتے ہیں ایک اچھی اور مضبوط بوٹ بنانے کے۔‘‘
’’آپ وہ پہاڑی دیکھ رہی ہیں نہ؟۔۔۔ وہ سیوسائڈ پوائنٹ ہے‘‘
اس کی بات سن کر میرا سر چکرا گیا۔’’کیا؟کیا کہا؟‘‘میں نے حیرانی کے ساتھ اسے گہری نظروں سے دیکھا۔
’’ہاں، سچ۔۔۔ وہاں سے چھلانگ لگا کر لوگ جان دے دیتے ہیں۔ابھی کل ہی کی بات ہے۔۔۔ ایک لڑکی وہاں سے چھلانگ لگا کر مر گئی۔ساتھ ایک لڑکا بھی چھلانگ لگانے والا تھا،مگر چھلانگ نہیں لگا سکا۔اب وہ جیل میں بند ہے۔‘‘ اس کے چہرے پر عجیب سی اداسی چھا گئی۔وہ کسی دوسری دنیا میں کھو سا گیا۔میں کچھ کہنا چاہتی تھی، تب ہی جیسے کسی خواب کی دنیا سے جاگ کر وہ بولا۔’’بڑا پیار کرتا تھا، لڑکی سے۔۔۔ ساتھ جینے مرنے کی قسمیں کھایا کرتا تھا۔ مگر جانے کیوں ہمّت نہیں کرسکا،چھلانگ لگانے کی۔‘‘
میں نے کریدا ’’کیا کہنا چاہتے ہو،پیار میں کمی تھی اس کے؟پیار کیا ہے تمہاری نظر میں؟‘‘اس کی گہری بھوری آنکھیں پُرسکون تھیں۔جھیل کی طرح۔
اس نے بات موڑ دی۔’’پانی میں کچھ دکھاتا ہوں، آپ کو۔۔۔ ‘‘جھیل سے اس طرف مندر تھا،پورا تو نہیں بس ایک حصّہ دکھائی دے رہا تھا۔
’’کیسے دیکھوں؟چپّو سے ہلچل ہو رہی ہے پانی میں ‘‘
ٹھہریے، چپّو روکتا ہوں ۔۔۔ اب دیکھیے۔۔۔ نظر آیا؟‘‘
’’ہاں کچھ نظر تو آ رہا ہے دھندلا دھندلا سا‘‘میں نے کہا۔
وہ بولا ایسا ہی ہوتا ہے پیار۔۔۔ ہلچلوں کے درمیان۔۔۔ پُرسکون سی کوئی چیز۔۔۔ کچھ دیکھا ۔۔۔ بہت کچھ اَن دیکھا سا‘‘
٭٭٭


آشیش دلال
احساسِ فرض

شہر میں اچانک کسی جھگڑے نے بڑ ھ کر ایک بڑے فساد کی صورت اختیار کر لی تھی۔ بہت کوششوں کے با وجود،اسکول سے نکل چکے میرے دس سالہ بیٹے کا کوئی پتہ نہ چل سکا۔میں اسے تلاش کرنے اسکول کی طرف نکلتا، کہ اسی وقت میری بیوی نے ٹوکا۔’’سنو! مسز شرما کے بھی بچوں کو لیتے آنا۔مسٹر شرما ٹور پر گئے ہیں۔بے چاری کہاں بھٹکے گی؟‘‘
’’اُف! یہاں اپنی جان آفت میں ہے،اور تمہیں دوسروں کی پڑی ہے۔‘‘میں چیخ پڑا۔ ٹھیک اسی وقت ایک دبلا پتلا سا نوجوان میرے لڑکے کو پہنچانے میرے گھر آیا۔ اپنے بچے کو صحیح سلامت گھر آیا دیکھ کر میں خوشی سے جھوم اٹھا۔اس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس سے گذارش کی۔’’ابھی رک جاؤ، حالات قابو میں آ جائیں، تو چلے جانا۔‘‘
’’ارے!نہیں،تب تک بہت دیر ہو جائے گی۔ابھی پتہ نہیں کتنے معصوموں کی جانیں پھنسی ہوں گی! انہیں میری ضرورت ہے۔ ‘‘اس نے جواب دیا اور تیزی سے چل پڑا۔
مسز ورما کے بچوں کے تئیں اچانک مجھے اپنے فرض کا احساس ہوا ۔۔۔ ،
اور میں تیزی سے اسکول کی طرف دوڑ پڑا۔ 
٭٭٭



 ابھیمنّیو آنند
لنچ

دانشوروں میں ’’ہندوستان کی افسوس ناک صورتِ حال‘‘ پر چھڑی بحث۔۔۔ پہلے مقرر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا:’’ہندوستان ایک غریب ملک ہے۔‘‘
دانشوروں کے سامنے مینرل واٹر کی بوتلیں رکھی ہوئی تھیں۔
تقریباً پَون گھنٹے میں دوسرے مقرر نے اپنی تقریراس طرح سمیٹی،’’ہندوستان غریب نہیں ہے،بلکہ ہندوستان کے لوگ غریب ہیں۔‘‘
تب تک ہریا تمام دانشوروں کے لیے کولڈ کافی لیے آتا ہے۔اس کے بعد تیسرے مقرر نے سب کے سامنے ایک گھنٹے میں اپنے خیالات رکھے،’’لوگ غریب نہیں، لوگوں کی فکر غریب ہے۔‘‘اس دوران ناشتے کی ٹرے لیے ہریا دوڑتا بھاگتا نظر آیا۔
اب باری تھی چوتھے مقرر کی’’ہندوستان کی افسوس ناک صورتِ حال‘‘ پر کچھ بولنے کی۔چوتھا مقرر ایک مشہور و معروف جرمن نژاد مصنف تھا۔اور شاید اسی لیے جلسے کی اہم شخصیت بھی۔
اس نے تیسرے مقرر کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا،’’فکر غریب نہیں ہے بلکہ فکر میں چھپی نفسیات غریب ہے۔‘‘
تب تک بحث لمبی کھنچ چکی تھی۔
ہریا پسینے میں لت پت سہما سہما سا بھاگتا ہو آیا اور کوآرڈینیٹر کے کان میں کچھ کہا۔انہوں نے اٹھ کر ہونٹوں پر دو انچ لمبی مسکان کھینچی(نظامت کا کافی طویل تجربہ تھا)اور ’لنچ آوَر کا اعلان کر دیا۔ وہ ’لنچ‘ ابھی جاری ہے۔
٭٭٭


احمد نثار
نقشِ پا

اسکول کے بچوں کا ایک گروپ دہلی گھومنے آیا تھا۔ساتھ میں استادِ محترم بھی تھے۔وہ ایک کے بعد ایک تاریخی عمارتوں اور جگہوں کو دیکھتے گھوم رہے تھے۔ ماسٹر جی ان سب کی تاریخ بھی بتاتے جا رہے تھے اور بچوں کے سوالوں کے جوب بھی دیتے جا رہے تھے۔
’’بچوں !یہ ہے قطب مینار،اسے غلام خاندان کے باد شاہ قطب الدین ایبک نے بنوایا تھا،کئی سو سال پرانی ہے یہ،وقت کے سا تھ ساتھ اس میں کافی تبدیلیاں آ چکی ہیں۔۔۔ اس کی وہ اونچائی اب نہیں رہی، جو پہلے تھی۔۔۔ ‘‘
’’یہ ہے جامع مسجد،سیکڑوں سال پہلے، مغل باد شا ہ شاہجہاں نے اسے بنوایا تھا۔حالانکہ وقت کی گرد نے اس کی بھی چمک دمک پھیکی کر دی ہے۔پھر بھی یہ فن کا بہترین نمونہ کہی جاتی ہے۔۔۔ ‘‘
’’یہ ہے لال قلعہ،وقت کی مار اس پر بھی پڑی ہے۔لیکن ابھی بھی اسے مغلیہ عہد کی آن بان اور شان کی علامت سمجھا جاتا ہے۔‘‘
’’اور بچوں! یہ ہے گاندھی میوزیم۔یہاں بابائے قوم مہاتما گاندھی کی زندگی سے جُڑی۔کئی چیزیں رکھی ہوئی ہیں۔جیسے یہ ’ نقشِ قدم ‘ ان کے قدموں کے نشان۔‘‘
چمچماتے نشان کو دیکھ کر ایک بچے نے پوچھ لیا۔’’ماسٹر جی!کیا یہ نشان نئے ہیں؟‘‘
’’نہیں بیٹے یہ بھی برسوں پرانے ہیں۔‘‘
’’پرانے ہیں۔۔۔ ؟لیکن یہ تو اب بھی چمک رہے ہیں،ماسٹر جی!کیا ان پر وقت کا کوئی اثر نہیں ہوا؟‘‘
’’کیسے ہوتا،بیٹے۔۔۔ !‘‘ماسٹرجی نے ٹھنڈی سانس بھرتے ہوئے کہا۔’’ہم ہندوستانیوں نے ان پر چلنا ہی گوارہ نہیں کیا۔‘‘
٭٭٭


اُرمی کرشن
کمبل

مندر کی دیوار سے باہر،دیوار سے سٹ کر وہ لیٹا کرتا تھا۔اور بارش سے بچنے کے لیے اس نے ڈنڈوں کے سہارے ٹاٹ کی بوریاں باندھ رکھی تھیں۔ کڑاکے کی سرد رات میں کل کوئی رحم دل اس پر ایک کمبل ڈال گیا تھا۔
آج اسی کمبل کو اوڑھے ہوئے وہ پیشاب کے لیے آدھی رات کو اٹھا تو کچھ ہی دورسوئے بابو کو اس نے کراہتے پایا۔
بابو کچھ ہی دن پہلے کام کی تلاش میں گاؤں سے آیا تھا۔بوڑھے بابا سے اس کی دوستی ہو گئی اور یہیں مندر کے باہر اس نے بھی اپنا ڈیرہ لگا لیا تھا۔جب وہ کام کی تلاش میں جاتا تو، اس کی کل جمع پونجی ایک گدڑی کی دیکھ بھال بوڑھا بابا کیا کرتا تھا۔
’’بابو! کاہے کراہ رہا ہے رے؟‘‘بابو کی کراہ سن کر،بابا نے پیار سے پوچھا۔ بوڑھے نے بابو کے سر پر ہاتھ رکھا اور بولا ’’بابو! تو تو تپ رہا ہے رے۔اس نے اپنا کمبل بابو کو اڑھا دیا، اور پیشاب کر نے کے بعد، سونے کو چلا گیا۔
صبح بابو دیر سے اٹھا تھا۔کمبل کی گرمی اور بخار کے بدن سے وہ جلدی نہیں اٹھ سکا تھا۔
بابا کو کمبل لوٹاتے ہوئے بابو نے کہا ’’بابا! آج تو کتنی دھوپ چڑھ آئی۔تم تو منہ اندھیرے ہی اٹھ بیٹھتے ہو۔‘‘ا س نے بابا کو کئی بار پکارا،لیکن بابا میں کوئی حرکت نہیں ہوئی۔تب اس نے بابا کے بدن سے چادر ہٹائی۔۔۔ بابا کی آنکھیں کھلی تھیں اور بدن اکڑا ہوا۔
دادا، باپو، ا مّاں، کئی موتیں دیکھ چکا بابو،پھٹی آنکھوں بابا کو کھڑا دیکھتا رہ گیا۔ رات کو کمبل اوڑھاتے ہوئے بابا نے کہا تھا ’’میرا کیا بیٹا، چار دن کم بھی جیا تو، ویسے ہی مردے جیسا ہوں۔تو تو ابھی جوان ہے،بہت دن جیے گا،کمائے گا، گھر والوں کو پالے گا۔‘‘
بابو کے ہاتھوں پر کمبل رکھا تھا۔کمبل پرآنسو کی دو بوندیں اس کی آنکھوں سے ٹپک کر ٹھہر سی گئی تھیں۔
٭٭٭


اُرمی کرشن
خزانہ

سارا سامان ٹرک پر لادا جا چکا تھا۔شاعر شیوا آج نئے مکان میں جا رہے تھے۔’’اری گُڑیا‘‘ ماں نے اونچی آواز میں پکارا۔’’چل، سارا سامان لد چکا ہے۔‘‘
چار سال کی گُڑیا آہستہ آہستہ چل کر باہر آ رہی تھی۔اس کی فراک کی جھولی میں طرح طرح کے کنکر پتھر بھرے ہوئے تھے،جن سے وہ کھیلا کرتی تھی۔
دیکھتے ہی ممّی جھلّائی۔’’یہ کیا ہے؟پتھروں کا کیا کرے گی؟پھینک یہیں۔۔ ‘‘ ممّی نے گُڑیا کے سارے پتھر بکھیر دیے۔لمحے بھر کو گُڑیا پتھر بنی بکھرے ہوئے پتھروں کو دیکھتی رہی اور پھر،پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔
’’کیا ہوا،بیٹے؟‘‘پاپا نے اسے گود میں اٹھاتے ہوئے پوچھا۔
گُڑیا بس روئے جا رہی تھی۔ممّی نے آگے بڑھ کر شکایت کی۔’’دیکھو،تمہاری لاڈلی فراک میں بھر کر یہ پتھر لیے جا رہی تھی۔نیا فراک بھی خراب کر دیا۔‘‘
اوہو، سریتا!کچھ تو سوچتیں اس کے پتھروں کو پھینکنے سے پہلے؟یہ اس کے خزانے ہیں۔ٹرک میں لدے تمہارے تمام سامانوں سے قیمتی،گُڑیا کے لیے یہ بے وقعت یا معمولی پتھر نہیں ہیں۔‘‘
اور سریتا بکھرے ہوئے پتھروں کو چننے لگی۔
٭٭٭


ارون ابھیشیک
خود کشی

کلہاڑا چلاتے چلاتے آدمی نے، پیشانی پر چھلک آ یا پسینہ پونچھا۔تھکے جسم کو آرام دینے کی غرض سے،پاس کے ایک سایہ دار پیڑ کی چھاؤں میں سستانے لگا تھوڑی ہی دیر میں اسے بھر پور سکون کا احساس ہوا۔وہ محنت کرنے کے لیے پھر سے تر و تازہ تھا۔آدمی نے پھر سے کلہاڑا اٹھایا اور نئی توانائی کے ساتھ پیڑ پر ٹوٹ پڑا۔درخت کی جڑ پر اس نے ایک آخری وار کیا،اسی کے ساتھ درخت، زمین پر بچھ گیا۔
آدمی پھر سے تھک چکا تھا۔اس نے پیشانی پر چھلک آیا پسینہ پونچھا اور چلچلاتی دھوپ کی تپش سے بچنے کے لیے اِدھر اُدھر،کسی سائبان کی تلاش میں نظر دوڑائی۔
’’افسوس!‘‘
یہاں سے وہاں تک ایک لق و دق صحرا تھا،اس نے اپنے ہی کلہاڑے کے آخری وار سے اپنا سائبان زمیں بو س کر دیا تھا۔
٭٭٭ 


اشوک بھاٹیہ
رشتے

وہ عام بس تھی اور سروپ سنگھ عام ڈرائیور۔ سواریوں نے سوچا تھا کہ بھیڑ والے علاقے سے باہر آ کر بس کی رفتار تیز ہو جائے گی۔لیکن آج ایسا نہیں ہوا،سروپ سنگھ کے ہاتھ سخت ہی نہیں ملائم بھی تھے۔اس کا دل آج بہت پگھل رہا تھا،وہ کبھی بس کو کبھی سواریوں کو اور کبھی باہر دوڑتے بھاگتے پیڑوں کو دیکھنے لگتا،جیسے وہاں کچھ خاص بات ہو۔کنڈکٹر اس راز کو جانتا تھا۔لیکن سواریاں بس کی دھیمی رفتار سے پریشان ہو رہی تھیں۔
’’ڈرائیور صاحب ذرا تیز چلاؤ،آگے بھی جانا ہے۔‘‘ایک نے نہایت کڑوے لہجے میں کہا۔
سروپ سنگھ نے مٹھاس گھولتے ہوے کہا۔’’آج تک میری بس کا ایکسیڈینٹ نہیں ہوا۔۔۔ ‘‘
سواریاں اور بھی غصے میں آگئیں’’اس کا مطلب یہ نہیں کہ بیس،تیس کی ڈھیچم ۔۔۔  ڈھیچم رفتار سے چلاؤ ‘‘دو چار تو کچھ برا بھلا بھی کہنے لگے۔ 
کوشش کرنے کے باوجود سروپ سنگھ بس کی رفتار تیز نہیں کر پا رہا تھا۔اس نے بڑھتے ہوئے شور میں بس روک دی،اپنا چھلچھلا آیا چہرا گھما کر بولا ’’بات یہ ہے کہ اس راستے سے میراتیس سال کا رشتہ ہے،آج میں آخری بار اس راستے پر بس چلا رہا ہوں۔۔۔ بس کے اپنے مقام پر پہنچتے ہی میں ریٹائر ہو جاؤں گا، ا س لیے۔۔۔ ‘‘اس کی آواز رُندھ گئی۔
٭٭٭


اشوک کمار  کھنہ
فرض

ڈی ٹی سی بس سے ابھی اترا ہی تھا کہ لڑکھڑا کر گر پڑا۔آناً فاناً ایک کار اس کے پیروں پر سے گذر گئی۔درد کی زیادتی خوفناک چیخ کی شکل میں ابھری۔میٹرو پولیٹین تہذیب کا ایک جز ٹھٹھک کر رک گیا تھا۔کناٹ پلیس کی اونچی اونچی عمارتیں ایک لمحے کو زخمی کی حالت دیکھنے کے لیے نہیں جھکی تھیں۔لوگ اطمینان سے کھڑے تھے،فرض سامنے زخمی پڑا تھا۔لیکن جذبہ ۔۔۔ !کام، وقت کی تنگی اور پولس کے خوف میں الجھا ہوا تھا۔
وہ مکالمے ادا کرتی بھیڑ کو چیرتا ہوا،رینگ کر سڑک کے بیچوں بیچ جا پہنچا اور رومال ہلا ہلا کر ٹیکسیوں کو رکنے کا اشارہ کرنے لگا۔
ایک ٹو سیٹرُ رکا۔ڈرائیور نے اسے اندر آنے میں مدد کی اور میٹر ڈاؤن کرتے ہوئے پوچھا۔آپ اتنے زخمی ہیں پھر بھی ہمّت کر گئے؟
ہاں۔۔۔  
اور شہر پر حقارت کی ایک نظر ڈالتے ہوئے وہ بے ہوش ہو گیا۔
٭٭٭


اصغر وجاہت
ہنسی

شری ٹی پی دیو ایک شریف شہری تھے۔اپنے کام سے کام رکھتے تھے۔کسی کا لینا ایک، نہ دینا دو۔روز صبح پونے آٹھ بجے دفتر کے لیے نکلتے تھے اور شام سواچھہ بجے گھر پہنچتے تھے۔ ٹی وی دیکھتے تھے۔کھانا کھاتے تھے۔سو جاتے تھے۔
اچانک پتہ نہیں کیسے، ایک دن انہوں نے سوچاکہ پچھلی بار وہ کب ہنسے تھے؟ انہیں یاد نہیں آیا۔سوچتے سوچتے تھک گئے اور پتہ نہ چلا،تو انہوں نے اپنی ڈائریاں،کاغذ پتّر الٹ پلٹ کر دیکھے،لیکن کہیں درج نہ تھا کہ پچھلی بارو ہ کب ہنسے تھے۔
پھر وہ ڈاکٹر کے پاس گئے۔انہوں نے بتایا کہ انہیں لگتا ہے،وہ شاید کبھی ہنسے ہی نہیں ہیں۔کہیں یہ کوئی بیماری تو نہیں ہے؟
ڈاکٹر بولا نہیں یہ بیماری نہیں ہے،کیوں کہ بیماری کی کتاب میں اس کا ذکر نہیں ہے۔
پھر بھی شری ٹی پی دیو مطمئن نہیں ہوئے۔وہ دسوں ڈاکٹروں،حکیموں اور بیدوں سے ملے۔سب سے یہی سوال پوچھے۔سب نے وہی جواب دیے۔شری ٹی پی دیو کی پریشانی بڑھتی چلی گئی۔
ایک دن شری ٹی پی دیو فلیٹ میں آنے کے لیے سیڑھیاں چڑھ رہے تھے تو انہوں نے ایک لڑکے کو ہنستے ہوئے دیکھا۔وہ حیرت زدہ، دیکھتے کے دیکھتے رہے۔پھر اس سے پوچھا بتاؤ تم کیسے ہنستے ہو؟
یہ پوچھنے پر لڑکا اور زور سے ہنسا۔
نہیں،نہیں مجھے بتاؤ وہ بولے۔لڑکا اور بھی زور سے ہنسنے لگا۔
بتاؤ،بتاؤ شری ٹی پی دیو نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا۔لڑکے نے کہا گھر جا کر آئینہ دیکھنا۔
شری ٹی پی نے فلیٹ میں آ کر سب سے پہلے شیشہ دیکھا۔
آئینے میں برس ہا برس سے کبھی نہ ہنسا ہوا ایک نہایت سنجیدہ چہرا دیکھ کر انہیں اچانک ہنسی آ گئی۔     ٭٭٭


اصغر وجاہت
آگ

اس آدمی کا گھر جل رہا تھا۔وہ اپنے خاندان کے ساتھ آگ بجھانے کی کوشش کر رہا تھا،لیکن آگ بہت تیز تھی۔بجھنے کا نام نہ لیتی تھی۔ایسا لگتا ہے جیسے صدیوں سے لگی آگ ہے،یا کسی تیل کے کنوئیں میں ماچس لگا دی گئی ہے یا کوئی آتش فشاں پھٹ پڑا ہے۔ آدمی نے اپنی بیوی سے کہا’’اس طرح کی آگ تو ہم نے کبھی نہ دیکھی تھی۔‘‘
بیوی بولی،’’ہاں،کیوں کہ اس طرح کی آگ تو بس ہمارے پیٹ میں لگا کرتی تھی۔ہم جسے دیکھ نہ پاتے تھے۔‘‘
وہ آگ بجھانے کی کوشش کر رہے تھے کہ دو پڑھے لکھے وہاں آ پہنچے۔آدمی نے ان سے کہا،’’بھائی ہماری مدد کرو‘‘ دونوں نے آگ دیکھی، ڈر گئے اور بولے۔ ’’دیکھو، ہم دانشور ہیں،ادیب ہیں، صحافی ہیں،ہم تمہاری آ گ کے بارے میں جا کر لکھتے ہیں۔‘‘وہ دونوں چلے گئے۔
کچھ دیر بعد وہاں ایک شخص اور آیا۔اس سے بھی آدمی نے آگ بجھانے کی بات کہی۔وہ بولا،’’ایسی آگ تو میں نے کبھی نہیں دیکھی۔۔۔ !اسے جاننے اور پتہ لگانے کے لیے تحقیق کرنی ہو گی۔ میں اپنے تحقیقی آلے لے کر آتا ہوں،تب تک تم یہ آگ بجھنے مت دینا۔‘‘وہ چلا گیا۔
آدمی اور اس کا خاندان پھر آگ بجھانے میں جُٹ گئے۔لیکن آگ تھی کہ قابو میں ہی نہ آتی تھی، دونوں تھک ہار کر بیٹھ گئے۔کچھ دیر بعد وہاں پھر ایک شخص آیا۔اس سے آدمی نے مدد مانگی۔اس آدمی نے آگ دیکھی۔انگارے دیکھے۔وہ بولا،’’یہ بتاؤ کہ انگاروں کا کیا کرو گے تم؟‘‘
آدمی حیران تھا، کیا بولتا!
اس شخص نے کہا ’’میں انگارے لے جاؤں گا‘‘
’’ہاں ٹھنڈے ہو جانے کے بعد۔۔۔ جب وہ کوئلہ ہو جائیں گے۔‘‘
کچھ دیر بعد آگ بجھانے والے آ گئے۔انہوں نے جو آگ کی بھیانک شکل دیکھی تو پسینے آ گئے۔ان کے پاس جتنا پانی تھا وہ آگ کیا بجھاتا،اس کے ڈالنے سے تو آگ اور بھڑک اٹھتی۔دم کل والے سوچ میں پڑ گئے۔ان میں سے ایک بولا ’’یہ آگ اسی طرح لگی رہے،اسی میں ملک کا بھلا ہے۔‘‘
’’کیوں؟‘‘ آدمی نے پوچھا۔
’’اس لیے کہ اسے بجھانے کے لیے پورے ملک میں جتنا پانی ہے اس کا آدھا چاہیے ہو گا۔‘‘
’’لیکن میرا کیا ہو گا؟‘‘
’’دیکھو تمہارا نام گنیز بک آف ورلڈ رکارڈ میں آ جائے گا۔تمہارے ساتھ ملک کا نام بھی۔۔۔ سمجھے؟‘‘
ابھی یہ باتیں ہو ہی رہی تھیں کہ ماہرین کا دستہ وہاں آ پہنچا۔وہ آگ دیکھ کر بولے ’’اتنی بھیانک آگ!اسے تو اکسپورٹ کیا جا سکتا ہے۔۔۔ غیر ملکی کرنسی ملک میں آ سکتی ہے۔۔۔ یہ آگ تو خلیجی ممالک میں بھیجی جا سکتی ہے۔۔۔ ‘‘
دوسرے ماہر نے کہا،’’یہ آگ تو پورے ملک کے لیے کفایتی توانائی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔‘‘
’’توانائی کی بہت کمی ہے ملک میں۔‘‘
’’اس سے تو بغیر پیٹرول کے گاڑیاں چل سکتی ہیں۔یہ توانائی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔‘‘
’’اس توانائی سے ملک میں یکجہتی بھی قائم ہو سکتی ہے۔اسے اور پھیلا دو۔۔۔ ‘‘
’’پھیلاؤں؟‘‘ وہ آدمی چلّایا۔
’’ہاں بڑے بڑے پنکھے لگاؤ۔۔۔ تیل ڈالو تا کہ یہ آگ پھیلے۔‘‘
’’لیکن میرا کیا ہو گا؟؟‘‘وہ آدمی بولا۔
تمہارا فائدہ ہی فائدہ ہے۔۔۔ تمہارا نام تو ملک کی تعمیرو ترقی کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔۔۔ تم ہیرو ہو۔‘‘
کچھ دنوں بعد دیکھا گیا کہ وہ آدمی جس کے گھر میں اس کے پیٹ جیسی خوفناک آگ لگی تھی،آگ کو بھڑکا رہا ہے،ہوا دے رہا ہے۔
٭٭٭


اگیّات
آخری سفر

کھچاکھچ بھری بس میں صرف ایک سیٹ خالی تھی۔کئی مسافروں نے وہاں بیٹھنا چاہا،لیکن ساتھ کی سیٹ پر بیٹھا بزرگ شخص ’’سواری بیٹھی ہے ‘‘کہہ کر سر ہلا دیتا۔ اس نے وہاں ایک جھولا رکھا ہوا تھا۔
بس چلنے تک کسی نے وہاں بیٹھنے کی ضد نہیں کی۔لیکن جب بس چل پڑی تو کچھ لوگوں نے وہاں بیٹھنے کی ضد پکڑ لی۔بزرگ کا ایک ہی جواب تھا ’’سواری بیٹھی ہے۔‘‘
جب کوئی پوچھتا’’سواری کہاں ہے ؟‘‘تو وہ جھولے کی طرف اشارہ کر دیتا۔کچھ مسافراناپ شناپ بکنے لگے۔بیٹھے ہوئے کچھ مسافروں نے خالی سیٹ پر کسی کو بٹھا لینے کی بزرگ سے درخواست کی۔ بزرگ نے پھر وہی الفاظ دہرائے ’’سواری بیٹھی ہے‘‘
بات بڑھ گئی مسافروں نے زبردستی بیٹھنے کی کوشش کی۔ لیکن بزرگ نے کسی کو بھی بیٹھنے نہیں دیا۔وہ کہیں گُم ہوا سا لگ رہا تھا۔مسافروں نے کنڈکٹر کو بات بتائی۔
بزرگ نے سست ہاتھوں سے جیب سے دو ٹکٹیں نکال کر کنڈکٹر کو تھما دیئے۔ گیلی آنکھیں پونچھتے ہوئے کہا’’دوسرا ٹکٹ میری شریک حیات کا ہے۔۔۔ وہ اب اس دنیا میں نہیں رہی۔یہ اس کے’ پھول‘ ہیں اور میرے ساتھ، یہ اس کا آخری سفر۔۔۔ ‘‘اس نے جھولے کی طرف اشارہ کیا
٭٭٭


اگیّات
اچھے پڑوسی

لفٹ سے دسویں منزل پر اپنے کمرے میں جاتے ہوئے میں نے نوٹس پڑھی ’’مسز مکھرجی کا ایک،سو روپے کا نوٹ کھو گیا ہے۔پانے والے کمرہ نمبر ۶۵ میں پہنچانے کی مہربانی کریں گے۔‘‘
نوٹس پڑھ کر مجھے بہت افسوس ہوا۔مسز مکھرجی ایک لا وارث،غریب بڑھیا ہے اورپاس پڑوس کے گھروں کے چھوٹے موٹے کام کر کے اپنا پیٹ پالتی ہے۔
قریب دو گھنٹے کے بعد میں نے اس کا دروازہ کھٹکھٹایا۔اس نے دروازہ کھولا لیکن اسے دیکھنے سے ایسا لگا کہ اسے اپنا پیسہ مل گیا ہے۔ 
میرے پوچھنے پر اس نے بتا یا کے دوسری منزل والے وید صاحب کو ملا تھا۔ شری رام اوتار اور جناب قطب الدین صاحب نے بھی پایا تھا۔ شاید آپ کو بھی ملا ہے۔لیکن آپ سب کو ملنے سے پہلے، جب میں نے اپنے کوٹ کی جیب دیکھی تو وہ مجھے وہاں مل گیا تھا۔
برائے کرم پیسہ ملنے کی اطلاع فوراًنوٹس بورڈ پر چسپاں کر دیجیے،ورنہ اوروں کہ بھی مل جائے گا۔
٭٭٭


اَنِندِتا
سوال

ٹینا کے دماغ میں بہت دیر سے ایک سوال کلبلا رہا تھا۔چاہتی تو ایک بٹن دبانے سے ہی اس کا کام چل سکتا تھا۔یعنی سوئچ آن کرتے ہی اس کی فکر کی لہریں کچھ دور بیٹھی اس کی ماں کے دماغ تک پہنچ سکتی تھیں۔
لیکن کچھ سوچ کر اس نے اپنی زبان کا ہی استعمال کیا۔پوچھا۔۔۔ ’’ماں! یہ دل کیا ہوتا ہے؟‘‘
سوال نازک تھا اور مشکل بھی۔ماں پہلے مسکرائی اور پھر ہاتھ کے اشارے سے بتایا۔ ’’یہ، یہاں ۔۔۔ ‘‘
ٹینا بغیر ہنسے مسکرائے بیچ میں ہی بول پڑی ’’اوہ،  جسم کا وہ حصہ جہاں خون صاف ہوتا ہے،اور گندہ خون۔۔  ۔۔ ‘‘
ماں نے سر ہلایا اور جذباتی سی ہو کر کہنے لگی ’’نہیں جہاں ممتا ہوتی ہے،پیار ہوتا ہے،دکھ سکھ اور اچھے برے احساسات و جذبات ہوتے ہیں۔۔۔ ‘‘
ٹینا نے بے یقینی کے ساتھ ماں کی طرف دیکھتے ہوئے کہا ’’یہ سب ہو ہی نہیں سکتا ہے۔۔۔ یہ سب تو دماغ میں ہوتا ہے۔‘‘
’’ماں نے سوچا، کیا سچ مچ بیٹی کے پاس دل نہیں ہے!‘‘
ٹینا نے جی ہی جی سوچا ’’بے کار ہی زبان کا استعمال کیا،بٹن ہی دبا دیتی تو۔۔۔ ‘‘
٭٭٭


انوپ شریواستو
ممتا

میں اپنی طرف سے روہت کو لنچ کچھ زیادہ ہی دیتی تھی،بڑھتی عمر کے لیے ضروری سمجھ کر۔ لیکن وہ اسکول سے لوٹتے ہی کھانے کو کچھ اس طرح مانگتا کہ جیسے بالکل بھوکا ہو۔
مجھے بہت غصہ آتا،لیکن کہتی کچھ نہیں۔ایک دن وہ ایک لڑکے کے ساتھ گھر لوٹا اور بولا ’’ممّی یہ آکاش ہے، میرا بیسٹ فرینڈ۔‘‘
وہ کپڑے بدلنے چلا گیا تو آکاش مجھ سے باتیں کرنے لگا ’’آنٹی آپ کھانا بہت اچھا بناتی ہیں۔‘‘
اچھا تو یہ بات ہے،اب میری سمجھ میں آیا۔میں غصے سے بالکل جھنجھلا اٹھی۔ ’’کیوں، میں اتنی محنت سے ناشتہ تیّار کر کے تمہیں دیتی ہوں اور تم اس میں سے آ کاش کو کھلا دیتے ہو،آخر کیوں؟‘‘
ٹی شرٹ پہنتے ہوئے روہت کے ہاتھ رک گئے۔بڑی معصومیت سے بولا۔ ’’اس کی ممّی نہیں ہے نہ ممّی، کھانا نوکر بناتا ہے۔لیکن اس کا جی ممّی کے ہاتھ کا بنا کھانا کھانے کو ہوتا ہے،اس لیے۔۔۔ ‘‘
مجھے محسوس ہوا میرے اندر کچھ بھیگ سا گیا ہو۔۔۔  ماں تو بہت پہلے بن چکی تھی لیکن ممتا آج جاگی ہے۔
٭٭٭


انور حسین
حب الوطنی

بھیّا جی کا اعلان ’’کھاتے یہاں کا اور گاتے پاکستان کا۔۔۔ انہیں پاکستان کھدیڑ دینا چاہیے۔‘‘
میں نے اعتراض کیا۔’’اور یہ جو اتنے سارے مسلمان کندھے سے کندھا ملا کر ملک کی ترقی میں جٹے ہیں۔۔۔ !ان کے بارے میں سوچا ہے؟‘‘
میں ان کی بات نہیں کرتا،لیکن بیشتر مسلمان پاکستان پرست ہیں،سمجھے۔۔۔ آئی ایس آئی کے ایجنٹ سب۔‘‘
’’اچھا بھیا جی، پھر یہ بتایے کہ دیش بھکت مسلمان کون ہیں؟‘‘
’’کاہے۔۔۔ شہید اشفاق،کیپٹن حمید اور کارگِل کے شہید کیپٹن حنیف وغیرہ بھارتیہ دیش بھکت ہیں ہی۔۔۔ ‘‘بھیا جی نے فخریہ کہا۔
مجھ سے رہا نہ گیا،’’واہ بھیا جی،واہ اس کا مطلب یہ کہ حب الوطنی کے لیے تمام ہندوستانی مسلمانوں کو مرنا ہو گا؟‘‘
بھیا جی جواب سنتے کہاں ہیں۔۔۔ وہ تو بس اعلان کرتے ہیں۔
٭٭٭


اوپیندر پرساد رائے
احساسِ گناہ

سنتیا نے بات آگے بڑھا تے ہوئے پوچھا۔’’چھپّر کا پھونس سڑ کر  ہیاں ہواں لدک گیا ہے۔بارس ہو گیا تو اِکّو کھاٹ کے جگہ نہیں رہے گا۔اساڑھ بھی پنرہ(پندرہ) دن نکل گیا۔اور تو ہے، کی کَونو چنتا نئیں۔‘‘
’’چنتا کرے سے نیا چھپّر بن جائے گا کا؟ارے ای سسری جوتا کے مرمّتی سے دُو جُون رو کھا سوکھا ہی مل جائے تو گنیمت سمجھ۔چیتو نے دکھی من سے جواب دیا۔پھر زور سے آواز لگائی ’’اری بھگ جُگنی چاپا کل سے ایک لوٹا پانی لی آ دوڑ کے۔‘‘
جوتے کی سلائی کرتے ہوئے وہ بدبدایا’’سالا گرمی سے لگتا ہے کنٹھ میں آگ لگ گیا ہے۔‘‘
اچانک شور سن کر چیتو جوتے کی سلائی چھوڑ کر تیزی سے اٹھ کھڑا ہوا۔دیکھا بھگ جُگنی خون سے لت پت سڑک پر پڑی تھی،اور لوگ قریب ہی کھڑی ایک کار کی طرف دوڑے جا رہے تھے۔غصے کی نمائش،غم کا اظہار،مار پیٹ کی دھمکی،گالی گلوج،بیچ بچاؤ اور آخر میں؟ پانچ ہزار روپے لے کر چیتو کو دیتے ہوئے لوگوں نے کہا۔’’بھگوان کی یہی مرضی تھی۔جنم مرن، سب اسی کے ہاتھ ہے۔جا بیٹی کی ماٹی کو ٹھکانے لگا۔‘‘
شرادھ کے بعد چیتو اپنی بیوی کے ساتھ گھر کی مرمّت میں لگ گیا۔چھپّر پر نیا پھوس ڈالا، دیواروں میں لگے سڑے گلے بانس بدل دیے گئے،نیا دروازہ بن گیا۔اور جس دن کام ختم ہوا اسی روز زوروں کی آندھی آئی۔۔۔ پھر بارش شروع ہو گئی۔
آدھی رات کا وقت۔
سنتیا دھیرے سے بولی’’ کیوں جی، سو رہے ہو،کا؟‘‘
’’نہیں، نیند نہیں آ رہی ہے۔‘‘چیتو نے کروٹ بدلتے ہوئے کہا۔
’’ایک ٹھو بات پوچھیں!‘‘
’’پوچھو۔‘‘
’’ایسے آندھی بارس میں، ای گھر میں آرام سے لیٹے ہوئے، ای تو نہیں لگ رہا ہے کی جُگنی مری تو ٹھیکے ہوا؟‘‘بولتے بولتے وہ پھپھک کر روپڑی۔
چیتو بے چین ہو سا گیا۔کہیں سنتیا ٹھیکے تو نہیں کہہ رہی ہے!!
رات بھر دونوں جاگتے رہے،بے آواز،بے چین،اداس اداس اور کچھ سوچتے،فیصلہ کرتے۔۔۔ 
صبح ہوتے ہی انہوں نے بچوں کو جگایا،سامان سمیٹے اور گٹھریاں سروں پر لادے شہر کی طرف چل پڑے۔
٭٭٭


اوم پرکاش کشیپ
مشیّت

بھورے بادل کی گود میں بجلی مچلی۔آگے بڑھی،زمین کی طرف۔بادل نے ٹوکا’’ کہاں چلیں؟‘‘
ایک ننّھی سی تتلی پھولوں پر منڈرا رہی تھی کہ تبھی ایک گَوریّا اس پر جھپٹ پڑی اور نہایت بے رحمی کے ساتھ اسے نگلنے کی کوشش کرنے لگی۔
’’اس بے رحم گَوریّا کو سبق سکھانے‘‘بجلی نے اشاروں سے بتایا اور بادل کا ردِّ عمل جانے بغیر،زمین کی طرف بڑھنا چاہ ہی رہی تھی کہ اس کی چیخ نکل گئی۔
’’بادل دادا!غضب ہو گیا‘‘ گَوریّا ابھی ٹھیک سے تتلی کو نگل بھی نہیں پائی تھی کہ اس پر ایک باز نے جھپٹّا مارا اور گَوریّا اپنی جان گنوا بیٹھی۔
بادل خاموش رہا۔ایک پُر اسرار مسکراہٹ اس کے ہونٹوں پر کھیلتی رہی۔ادھر بجلی کا غصہ مسلسل بڑھتا جا رہا تھا۔
’’میں اس ظالم باز کو ہر گز نہیں چھوڑوں گی ۔۔۔ ‘‘وہ غصے میں بڑبڑائی۔اچانک ایک احساس ندامت اس کی آواز میں اتر آیا۔
’’ہائے ابھی تک کتنی غلط تھی میں۔۔۔ کہ گَوریّا کو ظالم سمجھ رہی تھی،گَوریّا سے بڑا ظالم تو وہ باز ہے۔اچھا ہوا کہ وقت سے پہلے حقیقت آشکار ہو گیا،ورنہ معصوم گَوریّا ہی میرے غضب کا شکار ہوتی۔‘‘
بادل ا ب بھی مسکرا رہا تھا۔بجلی کچھ اور آگے بڑھی۔تب ہی اس کے کانوں میں ہلکی سی ایک آواز آئی۔اس نے نیچے دیکھا۔باز زمین پر پڑا تڑپ رہا تھا۔اس کے قریب ہی بندوق لیے ایک شکاری کھڑا تھا۔
’’اُف۔۔۔  یہ شکاری تو سب سے بڑا ظالم و جابر ہے۔گَوریّا نے تتلی کو مارا،اس لیے کہ وہ بھوکی تھی۔باز نے گَوریّا کو مارا،اس لیے کہ اسے بھی بھوک نے مجبور کیا تھا۔اگر یہ دونوں اپنی اپنی بھوک کا کہا نہ مانتے تو ممکن تھا کہ وہ اپنی ہی بھوک کا لقمہ بن جاتے، لیکن یہ شکاری۔۔۔ !!اس نے تو محض اپنے شوق کی تسکین کے لیے باز کو نشانہ بنایا۔میں اسے چھوڑوں گی نہیں۔کچھ تو زمین کا بوجھ کم ہو گا۔‘‘سوچتے ہوئے بجلی کا چہرا تمتما نے لگا۔
وہ تیزی سے آگے بڑھی۔ بجلی کی کڑک اور بادل کی گڑگڑاہٹ نے تیز بارش کی شکل اختیار کر لی۔بارش سے بچنے کے لیے شکاری نے ایک غریب کسان کے جھونپڑے میں پناہ لی۔
دانشوروں کی طرح بجلی بھی اپنی بے جا ضد پر اَڑی رہنے والی تھی۔اپنے فیصلے پر وہ بھی نظر ثانی نہیں کر سکتی تھی۔وہ جھونپڑی پر گری۔پل بھر میں شکاری کے ساتھ غریب کسان اور اس کا خاندان بھی خاک ہو گیا۔
عدلیہ کی طرح بجلی بھی مطمئن تھی کہ اس نے انصاف کر دیا ہے۔
٭٭٭


ایچ ایل ٹھکّر

بچّے


ادھیڑ عمر کے میاں بیوی جھگڑ رہے تھے۔دونوں ایک دوسرے پر الزامات تراشی کرتے ہوئے بحث کر رہے تھے۔
بیوی :’’میں اس گھر میں نوکرانی سے بھی بد تر ہوں۔دن بھر گھر کے سارے کام کرنے کے بعد،روکھا کھانا اور سستے کپڑے ہی تو ملتے ہیں۔تم سے شادی کر کے بہت گھاٹے میں ہوں۔‘‘
میاں:’’میں اس گھر میں دو وقت کے کھانے اور تھوڑے چائے ناشتے کے لیے اپنی پوری تنخواہ دے دیتا ہوں۔مجھے تم سے ذرا بھی احترام یا عزت نہیں ملتی۔‘‘
بیوی:’’اگر میں چلی جاؤں اور کھانا بنانے والی رکھنی پڑے تو وہ بھی کھانا پینا اور کپڑے لتّے مانگے گی۔میں کہیں اور کھانا بنانے کا کام کروں تو مجھے اتنی غلامی نہیں کرنی پڑے گی۔۔۔ اورپیسے بھی ملیں گے۔‘‘
میاں:’’تم لوگ یہاں سے چلے جاؤ تو تمہیں اپنے پالنے والے کی اس سے زیادہ خوشامد کرنی پڑے گی،جب کہ میں کہیں پیئنگ گیسٹ بھی ہو جاؤں تو اتنے پیسوں میں زیادہ احترام و عزت ملے گی۔‘‘
بیوی :’’میں بچوں کے ساتھ کیوں جاؤں!ان کی ذمہ داری تمہاری ہے۔‘‘
میاں:’’میں بھی بچوں کو کیوں رکھوں ان کی فکر بھی تم کرو۔لوگ تو اولاد کو حاصل کرنے کے لیے عدالت تک جاتے ہیں۔اور تم بچوں کو یہاں چھوڑنا چاہتی ہو۔‘‘
بیوی:’’میں انہیں کیسے پال سکوں گی؟اور کیوں؟میں تو اپنا ہی گذارہ مشکل سے کر پاؤں گی۔‘‘
میاں:’’تو تمہیں جانے کے لیے کون کہہ رہا ہے۔تم خود ہی کہہ رہی ہو۔جانا ہے تو بچوں کو لے جاؤ۔‘‘
بیوی:’’میں تمہیں ایسے آزاد نہیں کروں گی۔بچوں کا بوجھ تمہیں ہی اٹھانا پڑے گا۔‘‘
میاں:’’لیکن میں تمہیں کہاں بھگا رہا ہوں۔‘‘
بیوی:’’تو میں کون سی جا رہی ہوں۔‘‘
٭٭٭



بلرام اگروال
زہر کی جڑیں

دفتر سے لوٹ کر ابھی کھانا کھانے کو بیٹھا ہی تھا کہ ڈالی نے رونا شروع کر دیا۔
’’ارے،ارے کس نے مار دیا میری بیٹی کو‘‘اسے پیار کرتے ہوئے میں نے پوچھا۔
’’ڈیڈی۔۔۔ ہمیں اسکوٹر چاہیے۔‘‘وہ سبکتے ہوئے بولی
’’لیکن،تمہارے پاس تو پہلے ہی بہت سارے کھلونے ہیں۔‘‘اس پر اس کی ہچکیاں بندھ گئیں،بولی۔’’میری گُڑیا کو بچا لو ڈیڈی۔‘‘
’’بات کیا ہے؟‘‘میں نے پیار سے پوچھا۔
’’پنکی نے پہلے تو ہماری گُڑیا کے ساتھ اپنے گُڈّے کی شادی کی،پھر ہم سے گُڑیا چھین لی۔‘‘ڈولی نے زور زور سے سبکتے ہوئے بتایا۔ ’’اب کہتی ہے جہیز میں اسکوٹر دو۔۔۔ نہیں تو میں گُڑیا کو جلا دوں گی۔۔۔ گُڑیا کو بچا لو ڈیڈی۔۔۔ ہمیں اسکوٹر دلا دو۔‘‘ڈولی کی سبکیاں دھیرے دھیرے تیز ہوتی گئیں۔اور الفاظ اس کی ہچکیوں میں ڈوبتے چلے گئے
٭٭٭


پارس داسوت
ایک راجہ کا درد

اپنے سب سے عزیز دوست، سُداما کا خط پڑھ کر شری کرشن، فوراً جواب لکھنے بیٹھ گئے۔ شری کرشن نے لکھا:
” سُداما میرے بھائی،میرے دوست،مجھے اپنے گاؤں مت بلاؤ۔میں اب،وہ گوپال نہیں رہا، جو تمہارے ساتھ گلّی ڈنڈا کھیلا کرتا تھا،میں راجہ ہوں۔۔۔ دوست! حالات بھی بدل گئے ہیں۔چاروں طرف دہشت گردی پھیل گئی ہے،مجھے اپنے گاؤ مت بلاؤ۔‘‘
’’میرے پیارے بھائی،ابھی ابھی میں اپنی نانیہال کے سفر سے لوٹا ہوں، سُداما، میرے پیارے دوست !میں نے پہلی بار دیکھا،اپنے استقبال کو،بہت قریب سے دیکھا اپنوں کا پیار، ان کے ذریعہ استقبال۔دوست، جانتے ہو! اس کا کیا سبب رہا ہو گا!‘‘
’’میں راجہ نہیں، فقیر بن کر گیا تھا وہاں،میں ایک عام شہری بن کر پہنچا تھا اپنی نانیہال۔۔۔ ‘‘
’’کبھی بھی،  سُداما !کبھی بھی۔۔۔ اس وجہ کر میں نے پہلی بار جانا، راجہ کے سفر میں ہماری زندگی کے، ہمارے گاؤں کے، طلائی سکّے بے کار ہی خرچ ہو جاتے ہیں۔کتنا اچھا ہوتا۔۔۔ میں وہ طلائی سکّے اپنی نانیہال، اپنے پیارے گاؤں کو اور دے سکتا۔۔۔ !‘‘
’’سُداما !میرے بھائی، میرے دوست،ضد مت کرو۔مجھے مت بلاؤ اپنے گاؤں سچ مانو۔۔۔ سُداما!سچ مانو میں تمہیں،تمہارے اور اپنے گاؤں کو، وہ سب دوں گاجو تم چاہو گے،میری رعایا چاہے گی۔‘‘
اس سے پہلے کہ شری کرشن اپنا خط مکمل کرتے۔۔۔ دربان نے اطلاع دی۔ ’’ایک بھکاری سا شخص،جو اپنا نام سُدامابتا رہا ہے مہاراج سے ملنا چاہتا ہے۔‘‘
’’کیا۔۔۔ کیا!سُداما!لگتا ہے میرے دوست نے میری آواز سن لی۔‘‘
٭٭٭


پرتیبھا شری واستو
کنگن

نینسی اور وینا ایک ہی ساتھ سرکاری دفتر میں برسوں سے کام کرتی رہی ہیں۔ گذشتہ کئی برسوں سے انتظار کر رہی تھیں کہ بونس ملے تو دونوں سہیلیاں ایک ساتھ اپنے اپنے لیے جڑاؤ کنگن لیں۔لیکن ہر سال کوئی نہ کوئی ضروری خرچ آن پڑتا اور کنگن رہ جاتے۔
اس سال وینا نے کہا’’نینسی، جو بھی ہو اس بونس میں کنگن ضرور لیے جائیں گے، گذشتہ سال تم نے اپنی بہن کی فیس بھر دی تھی،میں نے ساس کو دانتوں کا سیٹ لگوا دیا تھا۔۔۔ کتنے سالوں سے کنگن بن رہے ہیں۔‘‘
کنگن کے تصوّر میں کھوئی ہوئی نینسی نے کہا۔’’ہاں وینا، اس بار ہم کنگن ضرور لیں گے۔اس بار میں اپنے تئیں پُر امید ہوں۔مجھے خود پر ترس آنے لگتا ہے، خواہشوں کے مارنے کی بھی کوئی حد ہوتی ہے!‘‘
طے ہوا کہ کنگن دیوالی سے پہلے لے لیے جائیں گے۔
کاشی جوہری کی دکان پر بہت سے کنگن دیکھے گئے،لیکن جو پسند آتا،پہنچ سے باہر ہوتا،جو بونس کے پیسوں میں آ سکتا،وہ پسند نہیں آتا۔
جھلّا کر دونوں دکان سے باہر آ گئیں۔وینا نے بھیل پوری خریدی اور نینسی کے ہاتھوں میں پکڑاتی ہوئی بولی۔’’نینسی، تم کہہ رہی تھیں،تمہیں کچن میں لنٹر ڈھلوانا ہے۔‘‘
’’ہاں، اور تم کہہ رہی تھیں، تمہیں چھوٹے بھائی کو کوئی پروفیشنل کورس کروانا ہے۔ ایسا کرتے ہیں،میں لنٹر ڈھلوا لیتی ہوں،تم بھائی کی فیس دے دو۔۔۔ کنگن آرٹی فیشیل لے لیتے ہیں،اصل ہی جیسے تو لگتے ہیں، لے کر لا کر میں رکھنے سے کیا فائدہ؟‘‘
تھکی، ہاری،گم سم سی نگاہوں سے دونوں نے ایک دوسرے کو دیکھا اور ٹہاکا لگا کر بھیل پوری کھانے لگیں۔
٭٭٭


ڈاکٹر پردھومن بھلّہ
بڑے صاحب

آج ہریا بہت خوش تھا۔کئی دنوں کی بھاگ دوڑ کے بعد،آخر پیسے نکلوانے کی منظوری مل ہی گئی تھی۔ہر سال یہی ہوتا تھا۔منظوری ملنے پر وہ بڑے بابو کے قدموں میں جاتا،جہاں کچھ نذر و نیاز گذار کر ہی پیسے نکلتے تھے۔اس ’کچھ‘ میں ’بڑے صاحب ‘کا بھی حصہ تھا۔ایسا ہی بڑے بابو کہتے تھے۔
اس بار ہریا نے سوچا تھا،کیوں نہ ’بڑے صاحب‘ سے ہی سیدھے ملا جائے اور صاف صاف بات کی جائے۔۔۔ !یہی سوچ کروہ بڑے صاحب کے چیمبر کی طرف چل پڑا۔
’’کسی بھی کام کے لیے سیدھے بڑے صاحب سے ملیں۔‘‘کی تختی پڑھ کر اس کا حوصلہ بڑھا۔
’’مے آئی کم ان سر!‘‘ہریا نے ڈرتے ڈرتے پوچھا۔دفتر میں پانی پلانے کا کام کرتے کرتے اس طرح کے چند جملے اس نے سیکھ لیے ہیں۔
’’یس۔‘‘
’’میں،واٹر مین ہریا،سر‘‘
’’ہاں ہاں کہو ‘‘صاحب نے اس کی طرف دیکھے بغیر کہا۔
’’صاحب، یہ میرے چھوٹے سے لون کی درخواست تھی،آپ کے سائن ہو جاتے تو۔۔۔ ‘‘
’’لاؤ۔‘‘
تیزی سے ہریا نے کاغذات آگے بڑھا دیے۔صاحب نے سائن کیا۔ وہ لوٹنے لگا تو صاحب نے کہا۔’’سنو!‘‘
’’جی؟‘‘ہریا ٹھٹھک گیا۔اسے لگا اب صاحب اس سے پیسوں کا مطالبہ کر سکتے ہیں یا پھر درخواست لٹکا سکتے ہیں۔
’’اچھی تنخواہ ہے تمہاری،کپڑے صاف ستھرے پہنا کرو۔انہیں دھوتے نہیں؟یہ لو،آئندہ جب آؤ تو کپڑے دھلے ہونے چاہیں۔‘‘صاحب نے یہ کہتے ہوئے پچاس کا ایک نوٹ اسے تھما دیا۔
ہریا کو کچھ نہیں سوجھا۔اس نے صاحب کے پاؤں پکڑ لیے۔
’’صاحب، آپ کے نام پر بڑے بابو ہر سال مجھ سے پیسے اینٹھتے رہے، آپ تو فرشتہ آدمی ہیں۔۔۔ ‘‘کہتے ہوئے اس کی آنکھیں بھر آئیں۔
دفتر سے باہر نکلتے ہوئے ہریا سوچ رہا تھا،کاش! وہ پہلے بڑے صاحب ہی سے ملا ہوتا،سُنی باتوں پر اپنا نقصان کرتا رہا۔
اِدھر دفتر میں بیٹھے بڑے صاحب سوچ رہے تھے،کاش!ہریا اور ہریا جیسے لوگ سیدھے مجھ تک پہنچ سکتے۔۔۔ آخر،ایسا کب تک چلے گا!!!!
٭٭٭



پرہلاد شریمالی
یوں ہی ملتے رہنا

خوشی کے ساتھ حیرت ہوئی۔لادو بھائی یہاں کیسے!دور سے وہ بزرگ، بلا شک لادو بھائی لگ رہے تھے۔وہی اوسط قد،سفید بال، سرپٹ چا ل اور کھادی کا دھوتی کرتا۔کوئی فرق نہیں،یہاں تک کہ آنکھوں پر چشمہ۔۔۔ !لیکن وہ لادو بھائی نہیں تھے۔غور سے انہیں دیکھتا رہا۔اگر وہ لادو بھائی ہوتے تو یقیناً ٹوک دیتے۔’’یوں آنکھیں پھاڑے کیوں گھور رہے ہو؟‘‘ لیکن وہ خود میں مست میرے قریب سے گذر گئے۔میں مسکرایا،لادو بھائی ہوتے تو ضرور ٹوک دیتے۔’’بچّوں کو چائے نہیں دودھ پینا چاہیے۔ ‘‘ٹھیلے پر چائے کا خالی گلاس رکھتے ہوئے حواس لوٹے۔ارے،اب میں بچّہ نہیں چھبّیس سال کا جوان ہوں۔
وہ تو دس بارہ سال پہلے کی بات ہے،لادو بھائی والے محلہ کو چھوڑ کر اتنی دور اس علاقے میں آنے کے بعداس طرف جانے کی فرصت اس دشوار گذار ترقی پذیر بڑے شہر میں کہاں نکلتا ہے۔اتنے برسوں میں تو لادو بھائی بہت بوڑھے ہو چکے ہوں گے۔یہ الگ کہ انہیں بچپن سے میں نے ایسا ہی دیکھا،کوئی فرق نہیں۔ممکن ہے اب بھی وہ ایسے ہی ہوں۔ 
تقریباً چار سال بعد مجھے پھر لادو بھائی ملے۔یعنی،نظر آئے۔وہ بھی لادو بھائی نہیں تھے۔بس میں سفر کرتے ہوئے،وہ ضعیف پہلی نظر میں بالکل لادو بھائی لگے تھے۔میں پیچھے والی سیٹ پر بیٹھا تھے،اور وہ کھچاکھچ بھری بس میں آگے والے دروازے سے چڑھے تھے۔کنڈکٹر سے انہیں آگے بلوا کر اپنی سیٹ پر بٹھایا۔وہ بہت خوش ہوئے۔دعائیں دیں۔میں مسکرایا۔اگر واقعی لادو بھائی ہوتے تو خوش ہو کر کہتے۔محلے کے بچّوں کو شائستہ اور مہذب کرنے کی اپنی کوششوں میں وہ کامیاب رہے۔
لادو بھائی اب کس حال میں ہوں گے؟سوچتے ہوئے میں جذباتی ہونے لگا۔
لگ بھگ تین برس بعد سبزی منڈی میں جھولا بھر سبزی اٹھائے،جو بزرگ دور سے دکھائی دیے،وہ لادو بھائی قطعی نہیں ہو سکتے۔ یہ سوچتے ہوئے بھی گمان گذرا،کہیں سچ مچ وہ لادو بھائی ہوئے، تو!اور میں تیز چل کر ان تک پہنچا۔بہت کہنے پر انہوں نے جھولا مجھے تھمایا۔بھیڑ بھاڑ سے نکل کر رکشے پر انہیں بٹھاتے ہوئے خوشی کا احساس ہوا۔ساتھ ہی لادو بھائی بہت یاد آئے۔ میں جھنجھلایا۔کیا زندگی بھر مجھے لادو بھائی کا گمان گذرتا رہے گا؟
ان کے گھر جا کر پتا کیا جانا چاہیے۔وہ اب تک بیٹھے ہیں یا دوسری دنیا کو سدھار گئے۔طبیعت پھر بدلی۔لادو بھائی یوں ہی اگر زندگی بھر ملتے رہے تو کیا ہرج ہے۔ان کے تئیں امڈے تجسس کی تسکین ضروری تھی۔
لادو بھائی کھاٹ پر لیٹے تھے۔مجھے دیکھتے ہی ان کی آنکھیں چمک اٹھیں۔ اٹھتے ہوئے جوش کے ساتھ میرا ہاتھ پکڑ لیا،’’بیٹھ نوین!آج تو ٹھیک آیا۔‘‘ ان کی پُراسرار مسکراہٹ جیسے کہہ رہی تھی کہ اس لمبے عرصے میں ہم ہمیشہ ملتے رہے ہیں میرے غور سے دیکھتے رہنے سے ان کے چہرے پر خوشی اور اطمینان کی کرنیں جگمگا اٹھیں۔پتہ نہیں کیوں مجھے محسوس ہوا گذشتہ برسوں کی وہ ساری ملاقاتیں لادو بھائی کے ساتھ ہی ہوئی تھیں۔یا انہیں ان کا مکمل علم ہے،جب تک وہاں رہا،ان کی نظریں مستقل مجھ پر جمی رہیں۔وداع ہوتے وقت بولے۔’’یوں ہی ملتے رہنا۔‘‘چہرے پر وہی دبیز مسکراہٹ۔
میں حیران تھا اور الجھن میں بھی۔انہوں نے ’’آتے رہنا۔‘‘ کیوں نہیں کہا۔ لوٹتے ہوئے میں بے چین ہو رہا تھا،لادو بھائی پھر کب ملیں گے؟؟
٭٭٭


پرم جیت تھیڑی
نئی پگڈنڈی

گُرمُکھ سنگھ اور اس کی بیوی دونوں کھلی طبیعت کے اور روشن خیال تھے۔ شادی کے بارہ سال بعد بھی ان کے یہاں کوئی اولاد نہیں ہوئی تھی۔ان کی خواہش تھی کہ رب انہیں ایک بچہ دے دے جو اُن کے بڑھاپے کا سہارا بنے۔ وہ لڑکے اور لڑکی میں کوئی فرق نہیں سمجھتے تھے۔
اور ایک دن لوگوں نے ان کے دروازے پر نیم بندھی ہوئی دیکھی۔نیم بندھی دیکھ کر سب کے دل خوش ہوئے کہ چلو بارہ سال بعد ہی سہی اِن کی جڑ لگ گئی۔
شام کو رشتہ کے دس بیس لوگ ان سے ملنے ان کے گھر آئے۔
’’مبارک ہو بھائی گُر مُکھ سنگھ۔‘‘
’’آپ کو بھی مبارک۔رب سب کی زندگی میں یہ مبارک گھری لائے۔‘‘
’’بھائی! بیٹا تو رب سب کو دے۔بیٹا کے بغیر تو دنیا میں نام ہی نہیں رہتا۔‘‘
’’لیکن میرے گھر تو بیٹی ہوئی ہے اور یہی میرے لیے بیٹا ہے۔‘‘
’’لیکن نیم تو بیٹا ہونے پر اظہار خوشی کے لیے باندھتے ہیں!!‘‘
’’مجھے بیٹی ہونے پر بھی بیٹا ہونے سے زیادہ خوشی ہے۔‘‘
گاؤں والے حیران تھے۔باہر نکلتے ہوئے کہہ رہے تھے۔‘‘ابھی دنیا میں بے وقوفوں کی کمی نہیں ہے کہ بیٹی ہونے پربھی وہ نیم باندھتے ہیں۔‘‘
٭٭٭


پریم چندر
قوم کے خدمت گار

قوم کے خدمت گار نے کہا۔ ’’ملک کی خوشحالی کا ایک ہی راستہ ہے، پسماندوں کے ساتھ بھائی چارگی کا سلوک،گرے پڑوں کے ساتھ برابری کا برتاؤ۔ کیوں کہ دنیا میں سبھی بھائی بھائی ہیں،کوئی چھوٹا نہیں، کوئی بڑا نہیں۔ ‘‘
لوگوں نے نعرے بلند کیے۔ ’’کتنا وسیع نظریہ ہے،کتنے بڑے دل کا ہے۔ ‘‘
اس کی خوبصورت بیٹی اندرا نے سناتو فکر کے سمندر میں ڈوب گئی۔
قوم کے خدمت گار نے نیچی ذات کے نوجوان کو گلے لگایا۔لوگوں نے کہا’’ وہ فرشتہ ہے،قوم کی کشتی کا ناخدا ہے۔‘‘
اندرا کا چہرا چمکنے لگا۔
قوم کا خدمت گار نیچی ذات کے نوجوان کو مندر میں لے گیا،دیوتا کے درشن کروائے اور کہا ’’ہمارا دیوتا غریبوں میں ہے،ذلّت میں ہے،پستی میں ہے۔‘‘
لوگوں نے کہا’’کیسے پاک اور شفاف اندرون کا آدمی ہے!کیسا گیانی ہے‘‘
اندرا، قوم کے خدمت گار کے پاس گئی اور کہا ’’لائقِ صد احترام با با!میں موہن سے شادی کرنا چاہتی ہوں۔‘‘
قوم کے خدمت گار نے شفقت بھری نظروں سے دیکھتے ہوئے پوچھا ’’موہن، کون ہے؟‘‘
اندرا نے خوش ہوتے ہوئے بتایا ’’وہی نوجوان جسے آپ نے گلے لگایا،جسے آپ مندر میں لے گئے،جو سچّا، بہادر اور نیک ہے۔‘‘
قوم کے خدمت گار نے اسے قہر آلود نگاہوں سے دیکھا اور منہ پھیر لیا۔
٭٭٭


پریم کمار منی
کیرم

کیرم کے کھیل میں انیس گوٹیاں ہوتی ہیں۔نَو کالی،نَو گوری اور ایک گلابی۔ گلابی گوٹی، رانی کہلاتی ہے۔یہ گلابی گوٹی سب سے اہم ہے اور سب سے قیمتی۔اس کے بعد ہوتی ہیں گوری گوٹیاں اور اس کے بعد کالی۔کالی گوٹیاں سب سے کم تر درجہ کی ہوتی ہیں۔
میں کیرم کے کھیل کو بہتر نہیں سمجھتا۔ شاید اس کے لیے ذمہ دار وہ نفسیات ہیں،جو میرے اندر بیٹھی ہوئی ہیں کہ یہ کھیل نسلی تفریق کا اعلان ہے۔اس کھیل میں مجھے رنگ ونسل کی تفریق دکھائی دیتی ہے۔کالی گوری اور گلابی دنیا کی تقسیم۔
لیکن اچھا نہ سمجھنے کے باوجود میرے گھر میں کیرم پڑا ہے۔بچّوں کو کھیلنے سے منع نہیں کر پاتا ہوں۔
بلکہ خوش ہوتا ہوں کہ وہ دیسی کھیل نہ کھیل کر کیرم کا کھیل کھیلتے ہیں۔انگریزی زبان سے اختلاف کے باوجود،میں انگریزی پڑھنے کے لیے بچّوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں۔اسی طرح کیرم کے کھیل سے اختلاف رکھنے کے باوجود، ان کے کیرم کھیلنے پر بھی ان کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں۔
ہاتھی کے دکھانے کے دانت،کھانے کے کام نہیں آتے۔ہم لوگ بچپن میں کھیل کر لَوٹتے تھے اور ہمارے ہاتھ پاؤں دھول سے سنے ہوتے تھے۔
کیرم مہذب لوگوں کا کھیل ہے۔اس کھیل میں دھول نہیں،پاؤڈر شامل ہوتا ہے۔کالی،گوری،گلابی دنیا ہوتی ہے۔مقابلتاً کالی دنیا سے گوری اور گلابی دنیا پانچ گُنی قیمتی ہے
۔۔ ۔۔۔ نسلی امتیاز کا یہ پہلا سبق ہے۔
٭٭٭


پورن مُدگل
جیت

چھوٹو دن بھر گھرکا کام کرتا،فرصت کے وقت میرے بیٹے راجو کے ساتھ کھیلتا۔اب وہ آنکھ مچولی کھیل رہے ہیں۔گھر میں وہ جہاں کہیں بھی چھپتے ایک دوسرے کو جلد ہی ڈھونڈ لیتے۔۔۔  اس بار راجو میرے پاس رضائی میں آ کر چھپ گیا ہے۔چھوٹو نے چارپائی کے نیچے،سوفے کے پیچھے،اسٹور روم، غسل خانے میں ہر جگہ دیکھا،لیکن وہ اسے نہیں ڈھونڈ پایا۔بے چارا کھیل میں ہار گیا۔
صبح چھوٹو کا باپ اس سے ملنے آیا تو چھوٹو نے نہایت معصومیت کے ساتھ کہا۔’’بابا !آج رات تم یہیں سو جانا۔پھر میں بھی راجو کو ہرا دوں گا،سوؤ گے نہ بابا؟ ‘‘
٭٭٭




پوَن شرما

سونا

کمرے میں زیرو واٹ کا لال بلب جل رہا تھا۔منظر،جیسے پورے کمرے میں سرخ خون بکھرا ہوا ہو۔دیوار گھڑی میں پونے بارہ بج رہے تھے۔پلنگ پر اس نے کروٹ بدلی۔بیوی چونک گئی۔’’کیوں۔۔۔ سوئے نہیں کیا؟‘‘
’’نہیں۔۔۔  نیند نہیں آ رہی  ہے ‘‘وہ بولا اور بیوی کی طرف کروٹ بدل لی۔
’’کیوں؟‘‘
’’بس، یوں ہی ۔۔۔ بابو جی کی چٹھی آئی ہے آج۔مکان گروی رکھا تھا،اس کی میعاد پوری ہو گئی ہے۔اگر پیسے نہیں چکائے تو مکان نہیں بچ سکے گا۔لکھا ہے کہ بارہ ہزار کا انتظام کر دو۔نہیں تو خاندانی مکان ہاتھ سے نکل جائے گا۔ ‘‘
’’گروی ہی نہیں رکھنا تھا مکان!‘‘
’’کیوں نہ رکھتے گروی؟لوگوں کو پتہ کیسے چلتا، ٹھاکر گجیندر پال سنگھ نے اپنی اکلوتی بیٹی کی شادی کسی رئیس سے کم نہیں کی۔۔۔ اپنا وقار تو قائم رکھنا تھا انہیں۔۔۔ !صرف۔۔۔ کھوکھلا وقار‘‘اس کی آواز میں طنز تھا۔’’اور مصیبت ہمارے سر پٹک دی۔ادھر بھیّا سے بھی بارہ ہزار کی مانگ کی ہے۔ارے،اپنا بینک بیلنس ہی چھ سات ہزار کا ہو گا۔باقی کے کہاں سے دوں انہیں؟‘‘
بیوی اُٹھ کر بیٹھ گئی۔’’ایسا کرو میرے پاس جو زیورات ہیں، انہیں بیچ دو اور بابو جی کو پیسے دے دو۔‘‘
’’نہیں انجو،تیرے پاس تھوڑے ہی سے تو زیورات ہیں،اگر وہ بک گئے تو تیرے پاس کیا بچے گا؟وہ تو تیرے لیے زیب و زینت کی چیزیں ہیں۔‘‘
’’عورت کی زینت تو اس کا شوہر ہوتا ہے۔اور پھر،زیورات کوئی زیب و زینت کی چیزیں تھوڑی ہی ہوتی ہیں۔وہ تو ایسے ہی حالات کے لیے ہوتی ہیں۔سچ، کل بیچ دینا، نہیں تو خاندانی مکان ہاتھ سے نکل جائے گا۔‘‘
وہ کچھ نہیں بولا۔ لال رنگ کے زیرو واٹ کے بلب کی روشنی میں اسے اپنی بیوی کا چہرہ سونے کی طرح چمکتا دکھائی دے رہا تھا۔
٭٭٭




ڈاکٹر تا را نگم

میں گُڑیا نہیں لوں گی

میں بازار گئی تھی، سوچا رِیچا اور ویویک کے لیے کچھ لے لوں۔ویویک کے لیے کریکیٹ کا سامان لے لیا۔کیوں کہ کریکیٹ اسے بہت پسند ہے،اور رِیچا کے لیے ایک خوبصورت سی گُڑیا خرید لی۔
ویویک اپنا سامان پا کر خوش خوش باہر چلا گیا۔رِیچا گُڑیا کو ایک ٹک غور سے گھورتی رہی۔میں نے پوچھا:
’’کیا بات ہے بیٹی؟تمہیں گُڑیا پسندنہیں آ ئی؟؟‘‘
نہیں ماں،آپ نے میری پسند نا پسند پوچھی ہی کہاں۔‘‘
’’اس میں پوچھنے کی کیا بات ہے!لڑکیاں تو گڑیوں ہی سے کھیلتی ہیں۔‘‘
’’بھیّا سے تو پوچھتی ہو؟‘‘
میں لا جواب سی رہ گئی۔’’رِیا بیٹی! تیرے لیے اتنی بڑی اور خوبصورت گُڑیا لائی ہوں۔۔۔ اچّھی تو ہے نہ۔‘‘
’’اچّھی ہے،لیکن۔۔۔ ‘‘
’’لیکن کیا؟‘‘
’’ماں یہ وہی کرے گی،جو میں کروں گی،میں سلاؤں گی تو سوجائے گی۔میں جو کپڑے پہنا دوں گی پہن لے گی،میں اسے ڈانٹوں گی،ماروں گی تو یہ برداشت کر لے گی۔جب کہیں لے جا نا چاہوں گی تو ساتھ جائے گی۔جب میں چاہوں گی،گود میں لے کر پیار کروں گی،نہیں چاہوں گی تو نہیں کروں گی،  ماں۔یہ ہمیشہ چپ رہے گی۔‘‘
’’یہ تو اچّھا ہے کہ تو جیسا چاہے گی یہ ویسا کرے گی!‘‘
’’نہیں،ماں۔۔۔ مجھے گُڑیا نہیں چاہیے۔‘‘
٭٭٭




ترسیم گجرال

پہاڑوں پر چڑھنے والی

دنیش صاحب کا کیبن کچھ اس طرح کا تھا کہ کانچ کی دیواریں چاروں طرف۔ تاکہ زیادہ سے زیادہ ملازمین پر نگاہ رکھ سکیں۔
گذشتہ چند دنوں سے پاروتی مائی پر ان کی خاص نگاہ تھی۔پاروتی مائی گذشتہ دس سال سے وہاں کام کر رہی تھی۔پہلے چرخے پر اون کاتتی تھی،بعد میں اسے رفو کے کے کام سے لگا دیا گیا تھا۔لیکن اس کی صحت مسلسل بگڑتی جا رہی تھی۔ مشہور تھا کہ صاحب کے دادا نے اپنے بیمار گھوڑے کو گولی مروا دی تھی۔لیکن اس دادا کا پوتا ہونے کے باوجود وہ اتنا بے رحم اور سنگ دل نہیں تھا۔
پاروتی مائی کو ہمیشہ بیمار اور سست دیکھ کر اس نے اس کی تنخواہ کم کر دی۔ لیکن اس نے نوکری پر آنا ترک نہیں کیا۔ دو تین مہینے بعد اس نے پھر اس کی تنخواہ کم کر دی۔ پاروتی مائی نے کوئی شکایت نہیں کی۔ بس گذرتے ہوئے، جو ہاتھ جوڑ کر نمسکار کرتی تھی، وہ بند کر دیا۔ 
پچھلے کئی دنوں سے دنیش صاحب نے نوٹ کیا کہ پاروتی مائی کا بیٹا اسے رکشا سے گیٹ تک چھوڑ جاتا اور شام کو رکشا پر لے جاتا۔
اگلے دن انہوں نے ٹوکا۔’’تمہیں پتہ ہے تمہاری ماں بیمار ہے؟‘‘
’’ہاں ساب، اسے ٹی بی ہے‘‘
’’تم علاج کیوں نہیں کرواتے؟یہ عمر ان کے کام کرنے کی ہے؟‘‘
میں روک بھی کیسے سکتا ہوں ساب!میری تین بیٹیاں ہیں،پیٹ کا دوزخ بھرنے سے کچھ نہیں بچتا، ہاتھ پیلے کرنے کو کہاں سے لاؤں؟ماں نے ہی تو ہمارے گھر کو کوٹھا ہونے سے روکا ہوا ہے۔‘‘
دنیش کی نظر پارو تی مائی پر پڑی۔۔۔ وہ، لڑکھڑاتے قدموں سے وزن سنبھالے پہاڑ پر چڑھنے والی عورت سے کم نہیں لگ رہی تھی۔
٭٭٭


جاوید عالم
تکنیک کا دھماکہ

تکنیکی انقلاب کی ہی دین ہے کہ بڑی بڑی گاڑیوں کے سا تھ موٹر بائک میں بھی نئے نئے سسٹم آنے لگے تھے۔
بائک پر ہوا کی رفتار سے اڑتے، اس نے لیسر پاور کے بارے میں سوچا،جو اس نئے ماڈل میں پہلی بار حال ہی میں انٹرو ڈیوز کروایا گیا تھا۔اس پاور کی مدد سے وہ اپنے آگے جا رہی ہلکی گاڑی کو،ایک دو فٹ تک دائیں یا بائیں کر کے اپنے لیے راستہ بنا سکتا تھا۔آگے چلنے والی کوئی چھوٹی موٹی گاڑی اگر راستہ نہیں دے رہی ہو تو اس کرن کے ذریعہ اسے اپنی راہ سے اِدھر اُدھر کر سکتے تھے۔
تھوڑی ہی دیر بعد اسے اپنے آگے ایک بائک سوار نظر آیا۔وہ روڈ ڈیوائڈر کی ریلنگ سے سٹا ہوا،ہَوا سے باتیں کرتا بھاگا جا رہا تھا۔اس نے بھی اپنی بائک اس کے پیچھے ڈال دی اور یکایک اسے خیال آیا کہ وہ اپنی کرن کی طاقت سے اگر آگے جاتی بائک کو ذرا بھی بائیں طرف کھسکا دے تو،وہ ریلنگ میں گھس جائے۔ 
اللہ۔۔۔ ! یہ میں کیا سوچ رہا ہوں؟تب ہی کسی نے اسے دائیں کھسکا دیا۔
اور اسے ایک زوردار دھماکے کی گونج کے سوا کچھ بھی یاد نہیں رہا۔
٭٭٭


جگدیش ارمانی
کمانی دار چاقو

شہر کی ہوا بہت خراب تھی۔اتنی خراب کہ کسی بھی وقت کوئی بھی ناگہانی واقعہ ہو سکتا تھا۔آگ زنی،خون خرابے اور لوٹ مار کے واقعات تو روز مرّہ کی عام سی باتیں تھیں۔
وہ جب بھی گھر سے نکلتا،اس کی بیوی اس کے لَوٹنے کی سو سو منتیں مانتی،جب تک وہ گھر نہ لَوٹ آتا، اس کی بیوی کو چین نہیں پڑتا۔اس کا ایک پیر گھر کے اندر دوسرا باہر ہوتا۔
وہ بھی اب گھر سے باہر نکلتے ہوئے،اپنی جیب میں کمانی دار چاقو رکھنے لگا تھا۔ اور سوچتا،اگر کوئی ایک بھی آدمی بری نیت سے اس کی طرف آیا تو اس کی تو جان ہی نکال کر رکھ دوں گا۔وہ سوچتا سوچتا جا رہا تھا کہ اچانک بازار کے موڑ پر اس کا اسکوٹر کڑ۔۔۔ کڑ۔۔۔ کرتا ہوا پھسل گیا۔
دوسرے فرقہ کے دو ادھیر عمر آدمی اس کی طرف دوڑے،وہ ڈر گیا۔لیکن ہمت کر کے فوراً اٹھ کھڑا ہوا۔ جسم پر کئی جگہ آئی خراشوں کی پروا کیے بغیر اس نے اپنا ہاتھ، جب میں ڈالا،لیکن وہاں کچھ بھی نہیں تھا!
’’بیٹے! چوٹ تو نہیں آئی؟‘‘ایک نے اس سے پوچھا۔
’’نہیں۔‘‘اس نے آہستہ سے کہا اور اسکوٹر کھڑا کر کے اسٹارٹ کرنے لگا۔
’’بیٹے! یہ تیرا چاقو۔‘‘دوسرے نے کہا اور اس کا گرا ہوا چاقو اٹھا کر اس کی طرف بڑھا دیا۔
اس نے ایک نظر دونوں کی طرف دیکھا،نظریں جھکائے ہوئے چاقو پکڑ ا اور اسکوٹر اسٹارٹ کر کے تیزی کے ساتھ وہاں سے چلا گیا۔
٭٭٭


جندر
ایک نئے خوف کی سہرن

اس مریل سے کلرک نے جیب سے مہینے بھر کی تنخواہ نکال کر چار پائی پر رکھ دی اور سرہانے کی نیچے سے فہرست نکالی۔کن لوگوں کو پیسے دینے ہیں۔جمع گھٹاؤ کے بعد اس کے پاس صرف پچاس روپے بچ رہتے ہیں۔اور ان پچاس روپیوں کے سامنے کھڑے پورے اِکتّیس دن۔۔۔ !
کمرے میں وہ اکیلا تھا،لیکن بچّوں کی ضرورتیں اور بیوی کی حسرتوں کی فہرست،فلم کی ریل کی طرح آنکھوں کے سامنے گھومنے لگیں۔
بیوی کی فہرست پر کراس لگاتے ہوئے تھوڑی تکلیف ضرور ہوئی، گرچہ اسے اس بات کا بھی احساس تھا کہ یہ کوئی پہلی بار نہیں ہوا تھا۔
ششی کی اَدھ گھسی پینٹ نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا۔لیکن پپّی کے ٹوٹے ہوئے بوٹ نے ایک ہی جھٹکے میں اس کا دھیان اپنی طرف موڑ لیا۔
ابھی وہ کوئی فیصلہ نہیں کر پایا تھا کہ بیوی اندر آ گئی،اور پچاس کا نوٹ اٹھا کر بولی۔’’مجھے تو نہیں پتہ،لیکن میں نہیں دوں گی۔‘‘
’’میری بات تو سنو!‘‘
’’بالکل نہیں‘‘ بیوی اسی رَو میں بولی۔
’’سردیاں شروع ہو چکی ہیں اور پپّی کے بوٹ۔۔۔ ‘‘
’’پپّی کے بوٹ سے زیادہ ضروری ہیں آپ کی دوائیں۔۔۔ ‘‘وہ آگے کچھ نہیں بولا اس نے گلے میں اٹھتی تیز کھانسی کو کسی طرح اندر ہی دبا لیا کہ کہیں بیوی ڈاکٹر کو بلانے نہ چلی جائے۔
٭٭٭




جے پال جے

خدمت

ہسپتال کے پورے جنرل وارڈ میں سبھی مریضوں کو اگر کوئی اپنا سا لگتا تھا،تو وہ تھی سانولی سی،معمولی ناک نقشے والی چھوٹے قد کی نرس، سبیتا۔
وہ صبح سے دیر رات تک مشین کی طرح اِدھر سے اُدھر ہر بستر پر لیٹے مریض کی خدمت میں لگی رہتی۔کب کسے دوا دینی ہے،کسے انجکشن لگنا ہے،کسے،کیا کھلانا ہے، جیسے سب کچھ اس کا رٹا رٹایا ہو۔کبھی ڈانٹتی پھٹکارتی تو اس میں بھی اس کا پیار ہی ہوتا۔مایوس و مغموم مریضوں کو تو وہ ہنسا کر ہی چھوڑتی۔
لیکن ایک صبح،جب سبیتا نہیں آئی تو سارے مریض بے چین ہو گئے۔
شالو اور سونو نے تو اس کے بغیر دوا ہی لینے سے انکار کر دیا اور سبیتا کے ہاتھ سے ہی دوا لینے کی ضد پکڑ لی۔نئی نرس،جھڑکیاں دینے کے ساتھ،بڑبڑاتی ہوئی چلی گئی ’’مت کھاؤ، مَرو، مجھے کیا۔‘‘
سب پریشان تھے کہ کیا بات ہے!سبیتا نرس کیوں نہیں آئی!!وہ تو کبھی چھٹّی بھی نہیں لیتی تھی!کہیں وہ بیمار تو نہیں ہو گئی رحیم چاچا نے نئی نرس سے پوچھا تو اس نے جواب دیا ’’مجھے کیا پتہ؟میری ڈیوٹی اِدھر لگ گئی تو میں اِدھر آ گئی۔‘‘
ا س طرح دو،تین اور پھر چار دن گذر گئے۔اب تو رحیم چاچاسے نہیں رہا گیا۔ وہ اپنے بستر سے اٹھ کر بڑے ڈاکٹر کے کمرے میں جا پہنچے۔ان سے سبیتا کے بارے میں پوچھا۔ڈاکٹر صاحب سبیتا کا نام سنتے ہی چنگھاڑ اٹھے:’’کیا سبیتا، سبیتا لگا رکھی ہے۔۔۔ ؟ہم نے اس کی چھٹّی کر دی ہے۔کام دھام تو کرتی نہیں تھی پھر اسے یہاں رکھ کر کیا کرتے؟‘‘
یہ سن کر چاچا تلملا اٹھے ’’نہیں نہیں صاحب،وہ تو دیوی ہے،دیوی۔وہ سارے مریضوں کی خدمت کرتی تھی،سب کا دھیان رکھتی تھی۔‘‘
ڈاکٹر صاحب آگ بگولہ ہو گئے:’’چلو، تم اپنے بستر میں۔۔۔ بڑے آئے دیوی دیوی کرنے والے، چلو بھاگو یہاں سے۔‘‘رحیم چاچا،منہ لٹکائے کمرے سے باہر نکل آئے اور اپنے وارڈ کی طرف چل پڑے۔
تب ہی سامنے سے وارڈ بوائے ہری نے پوچھ لیا ’’کیا ہوا رحیم چاچا۔۔۔ ؟‘‘
’’کچھ نہیں بھائی،میں تو ڈاکٹر صاحب سے پوچھنے گیا تھا کہ سبیتا کیوں نہیں آ رہی ہے؟تو انہوں نے بڑی طرح ڈانٹ دیا!‘‘
تب ہری نے بتایا تمہیں نہیں معلوم کہ اس کی چھٹّی کر دی گئی ۔۔۔ در اصل۔۔۔ وہ مریضوں کی خدمت تو کرتی تھی چاچا، لیکن اس نے ڈاکٹر صاحب کی خدمت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔‘‘
چاچا گردن جھکائے، وارڈ کی طرف چلے گئے۔
٭٭٭


جیوتی جین
نصیحت

نندیتا کا دستور بن گیا تھا، ہر روز دفتر سے لوٹتےَ ہوئے اس ٹھیلے والی سے موسمی پھل‘ خریدنے کا۔آتے ہوئے کبھی چیکو،لیچی،بَیر،سنترے،کبھی جامن، فالسے، ایسے ہی پھل زیادہ ہوتے تھے،جو ایک بار رک کروہ اس سے خریدا کرتی۔ رفتہ رفتہ دونوں میں ایک بے نام سا تعارف ہو گیا۔ کبھی کبھی وہ اسے نصیحت بھی کیا کرتی تھی۔’’صاف ستھری رہا کرو۔۔۔ پالی تھین کی تھیلیاں مت رکھا کرو۔۔۔ ‘‘وغیرہ اس پھل والی کے پاس اکثر چار پانچ لڑکیاں اور ایک بالکل چھوٹا سا بچّہ نظر آتا تھا۔
اس دن جامن چھانٹتے ہوئے نندیتا نے پوچھ ہی لیا۔’’کتنے بچّے ہیں تمہارے؟‘‘
’’چھ چھوڑیاں ہیں بَین جی‘‘اس نے کچھ ہچک کے ساتھ کہا۔ ’’یہ ساتواں۔۔۔ ؟نندیتا نے لیٹے ہوئے بچّے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے پوچھا ’’لڑکا ہے کیا؟‘‘
’’نہیں، یہ تو آخری چھوڑی ہے‘‘
’’ تم لوگ بھی۔۔۔ ‘‘نندیتا نے نصیحت کی۔’’اتنی لائن لگا لیتے ہو اور پھر محرومیوں میں جیتے ہو!لڑکا ہی چاہیے تو دوسرے مہینے جانچ کرا لینی تھی۔مجھے دیکھو،میں نے جانچ کرائی اور ایک بیٹی کے بعد ایک بیٹا ہے‘‘
’’دیکھو بَین جی۔۔۔ ‘‘وہ جامن تولتی ہوئی بولی۔’’میں تمہاری طرح کوئی ہوشیار تو ہوں نہیں اور میرے مرد سے پریشان ہوں،اس کو چھوڑا چاہیے،لیکن میں اپنی چھوڑیوں کو کس طرح مار دوں ؟اب اگر وہ لَین لگائے گا تو بھگتے گا،میں تو چھوڑیوں کو نہیں مار سکوں،چاہے پیٹ میں،چاہے باہر‘‘ کہتے ہوئے اس نے نندیتا کے جھولے میں جامن ڈال دیے۔
اس نے جامن ڈال دیے یا نصیحت انڈیل دی نندیتا سوچتی رہ گئی۔
٭٭٭


راج کمار آترے
کچھوا اور خرگوش

کچھوے اور خرگوش کی دوڑ ختم ہو چکی تھی۔بہت سے نامہ نگار اور صحافی وہاں جمع تھے۔انہوں نے اس کی جیت پر کچھوے کے خیالات جاننا چاہے۔
کچھوے نے کہا۔’’مجھے تو معلوم ہی نہیں کہ میں جیتا ہوں یا ہارا۔آپ کہہ رہے ہیں، تو آپ ٹھیک ہی کہہ رہے ہوں گے۔پھر بھی،اگر میں حقیقتاً جیتا ہوں تو یہ جیت دلتوں اور پچھڑوں کی جیت ہے۔جنہیں اونچی ذات والے ہمیشہ سے مذاق اور تفریح کا سامان سمجھتے رہے ہیں۔ایک بات اور،یہ کہ میں نے جیتنے کے لیے نہیں دوڑ میں حصہ لیا تھا۔مجھے تو اپنا فرض ادا کر نا تھا سو کیا۔‘‘
ادھر خرگوش نے اپنی باری پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔’’کون کہتا ہے کہ میری ہار ہوئی ہے۔۔۔ ؟کیا آپ لوگوں کے کہنے سے ہی میں ہار جاؤں گا۔۔۔ ؟مجھے کیا پاگل کتّے نے کاٹا ہے کہ میں کچھوے جیسے سست جانور سے شرط لگاتا!اور پھر اس سے ہار کر اپنی ذات کے نام پر بٹّہ لگوا تا۔۔۔ ؟مقابلہ تو اپنے برابر والوں سے ہوتا ہے۔سمجھے۔۔۔ ؟دَوڑ،چستی،پھرتی اور خوبصورتی کے معاملے میں تو خرگوش ہمیشہ سے جیتتے رہے ہیں اور جیتتے رہیں گے۔۔۔  میں نے تو جان بوجھ کر کچھوے سے مذاق کیا تھا کہ کم از کم ایک دن اسے بھی تو خوش ہونے کا موقع مل جائے۔۔۔ میں دانستہ پیڑ کے سائے میں آرام کرنے لگا تھا اور جب مجھے یقین ہو گیا کہ کچھوا نشانے تک پہنچ چکا ہو گا تب اطمینان کے ساتھ وہاں سے چلا تھا۔۔۔ اسے اگر اپنے دوڑنے کی طاقت پر زیادہ ہی غرور ہے تو میں،جب کہو دوڑنے کو تیار ہوں۔ہاں ایک بات ضرور ہے کہ اب میڈیا والے اس کی جیت کی ڈھول پیٹ پیٹ کر اسے ہیرو بنا دیں گے۔اس طرح تو آنے والی نسل کچھوے کی طرح چلنا شروع کر دے گی۔۔۔ پھر،اس ملک کا کیا ہو گا؟سوچ لیجیے۔۔۔ !
٭٭٭



رام کمار آترے’ پربھات’
جواب کا انتظار ہے

شام ہو چکی تھی۔لگ بھگ سبھی گھروں کے دروازے بند ہو چکے تھے۔گلیوں میں اکّے دکّے ہی لوگ دکھائی دے رہے تھے۔وہ بھی تیزی سے اپنے اپنے گھروں کی طرف جا رہے تھے۔وہ گاؤں بھی اس علاقہ کے دوسرے گاؤوں کی طرح دہشت گردی کی زد میں آ چکا تھا۔
پولس کا ایک گشتی دستہ،اپنی روزانہ کی گشت پر گلی سے نکل رہا تھا۔دستہ کے نائک نے دیکھا کہ ایک بڑھیا اپنے گھر کی دہلیز پر بیٹھی ہوئی ہے،اندر سے باہر تک کے سارے دروازے کھلے ہوئے ہیں اور وہ آسمان میں ایک ٹک نہ جانے کیا دیکھ رہی ہے۔
نائک کو لگا کہ وہ اپنے بیٹے یا پوتے کا انتظار کر رہی ہے۔اس نے بڑھیا سے ’’پوچھا ماں جی آپ کسی کا انتظار کر رہی ہو کیا؟‘‘
’’نہیں۔ ‘‘روکھا سا جواب دیا بڑھیا نے۔
’’تو پھر اندر چلی جاؤ نہ ماں جی!ویسے کوئی آپ کو تنگ تو نہیں کرتا؟‘‘
’نہیں رے، مجھے کوئی کیا تنگ کرے گا۔‘‘
’’کیوں آپ کو دہشت گردوں سے کوئی خوف نہیں ہے کیا؟‘‘
’’نہیں رے دہشت گرد میرا کیا بگاڑ لیں گے!‘‘بڑھیا کا جواب سن کر سپاہی ہنس پڑے۔ان سے نہیں رہا گیا،ایک بولا’’ لگتا ہے ماں جی بہت طاقت ور ہیں، دہشت گرد ان کے پاس آتے ہوئے کانپتے ہیں۔‘‘
’’ہاں رے،ہاں میں بہت طاقت ور ہوں،بہت طاقت ور۔۔۔ میرا کیا بگاڑ لیں گے وہ؟ان کی گولیاں ان بدنصیب آنکھوں کے سامنے شوہر کو۔۔۔ ،جوان بیٹوں کو،بہوؤں کو۔۔۔ دو دو پوتے پوتیوں کو بھون چکی ہیں۔۔۔ بول ۔۔۔  تو ہی بول۔۔۔ دہشت گرد اب اور ۔۔۔ کیا بگاڑ لیں گے میرا۔۔۔ ؟‘‘
بڑھیا کی جاں کاہ رولائی کے بیچ بیچ سے ابھرے سانپ کے پھن کی طرح پھنکارتے، کسی سوال کا جواب گشتی دستہ کے کسی شخص کے پاس نہیں تھا۔
٭٭٭



رامیشور کامبوج ’ہِمانشو‘
سپنے اور سپنے

تینوں بچے ریت کے گھروندے بنا کر کھیل رہے تھے کہ سیٹھ گنیشی لال کے بیٹے نے کہا۔’’رات مجھے بہت اچھا خواب آیا۔ ‘‘
’’ ہمیں بھی بتاؤ۔‘‘دونوں بچے جاننے کے لیے چہکے۔
اس نے بتایا۔’’میں بہت دور گھومنے گیا،پہاڑوں اور ندیوں کو پار کر کے۔‘‘
نارائن بابو کا بیٹا بولا۔’’مجھے اس سے بھی زیادہ مزیدار خواب آیا۔میں نے خواب میں بہت تیز اسکوٹر چلایا،سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔‘‘
جوکھو رکشا والے کے بیٹے نے کہا۔’’تم دونوں کے خواب بالکل بے کار تھے۔‘‘
’’ایسے ہی بے کار کہہ رہے ہو۔پہلے اپنا خواب تو بتاؤ۔‘‘دونوں نے کہا۔
خوش ہو کر وہ بولا۔’’میں نے رات خواب میں خوب ڈٹ کر کھانا کھایا،کئی روٹیاں۔۔۔ نمک اور پیاز کے ساتھ۔۔۔ لیکن۔۔۔ ‘‘
’’لیکن، کیا؟‘‘دونوں نے ٹوکا۔
’’ مجھے ابھی تک بھوک لگی ہے‘‘ کہہ کر وہ رونے لگا۔
٭٭٭


راوِندر کُمار رَوی
لیکن، اس بار

یہ پتہ چلنے پر کہ ان کی لڑکی،کسی لڑکے سے میل جول رکھتی ہے،وہ اس پر بہت ناراض ہوئے اور اس لڑکے سے پھر کبھی نہ ملنے کی سخت تاکید کی۔ انہوں نے یہ نہیں پتہ کیا کہ لڑکا ایک مہذب،شائستہ اور تعلیم یافتہ لڑکا ہے!انہوں نے اس کی کوشش بھی نہیں کی۔
کچھ دنوں بعد انہیں پھر پتہ چلا کہ لڑکی،لڑکے سے ملتی ہے۔اس بار وہ اور بھی زیادہ ناراض ہوئے اور اس کے ہاتھ پاؤں بھی توڑ ڈالنے کی دھمکی دی۔
انہیں پھر پتہ چلا کہ وہ لڑکے کے گھر بھی جاتی ہے،لیکن انہوں نے یہ معلوم کرنے کی کوشش بھی نہیں کہ اس کے گھر والے بھی اسے پسند کرتے ہیں۔
اس کے بعد بھی انہیں خبر ملی کہ لڑکی نے ان کی بات نہیں مانی۔ اس بار انہوں نے لڑکی کا گلا کاٹ ڈالنے کی دھمکی دی،اور کہا اس کا گھر سے نکلنا بند کر دیا جائے گا۔انہیں یہ پتہ ہی نہیں چلا کہ لڑکی اٹھارہ سال کی حد سے آگے نکل چکی ہے اور لڑکے کی نوکری لگ چکی ہے۔انہوں نے پتہ کرنے کی کوشش بھی نہیں کی۔
ایک دن لڑکی نے ان سے کہا:’’لڑکے کے گھر والے ان سے ملنا چاہتے ہیں۔‘‘انہوں نے لڑکی کی زبان کھینچ لینے کی بات کہتے ہوئے جم کر اس کی دھنائی کی اور اپنی ناک پر بیٹھی مکھی اُڑاتے ہوئے اسے اپنی سرخ سرخ آنکھیں بھی دکھائیں۔
انہوں نے نہیں محسوس کیا کہ ان کے اس عمل سے اسے کسی طرح کی تکلیف بھی ہوئی ہے۔
انہوں نے اس کی کوشش بھی نہیں کی۔
اگلے دن انہیں پتہ چلا کہ اب ان کی لڑکی، ان کے گھر نہیں لوٹے گی۔
لڑکی ان کے گھر نہیں آئی۔
اس دن اسے کوئی دھمکی نہیں ملی۔ان کی ناک پر بیٹھی مکھی نے بہت زور سے کاٹا،انہوں نے اسے مارنے کے لیے زور سے اپنا ہاتھ، اپنی ناک پر دے مارا۔ مکھی ان کا منہ چڑانے کے سے انداز میں دُور اُڑ گئی۔
ا نہیں پتہ نہیں چلا کہ ان کی لڑکی بہت خوش حال ہے،لیکن اس بار انہوں نے معلوم کرنے کی کوشش کی۔
لڑکا کے گھر کا پتہ پوچھتے، وہ اسے تلاش کرنے نکل پڑے۔
٭٭٭


راوی
بھکاری اور چور

میرے باغیچہ کے دروازے پر وہ آیا اور بولا ’’بابو جی!اپنے باغیچے سے کچھ پھول مجھے لینے دیجیے۔‘‘ پھٹے پُرانے کپڑوں سے، تن ڈھکے اس لڑکے کو غور سے میں نے دیکھتے ہوئے پوچھا۔ ’’تم کون ہو؟‘‘
’’بھکاری‘‘اس کا جواب تھا۔اور اس میں شک کی کوئی گنجائش بھی نہیں تھی۔
’’بھکاریوں کو ایسی چیز نہیں مانگنی چاہیے۔تم چاہو تو میں تمہیں پیسہ یا روٹی دے سکتا ہوں۔‘‘میں نے کہا۔
’’یہ چیزیں تو مجھے دوسرے گھروں سے پیٹ بھرنے کو مل جاتی ہیں۔‘‘اس نے کہا اور ناخوش سا چلا گیا۔ اگلے دن مالی نے خبر دی کہ باغیچے سے کچھ پھولوں کی چوری ہوئی ہے۔میں نے نگرانی کا انتظام کر دیا۔لیکن چوری کاسلسلہ نہیں رکا۔ہر رات کچھ پھول غائب ہو جاتے۔
ایک دن۔۔۔ 
اس لڑکے کو میں نے بازار میں دیکھا۔سڑک کے کنارے بیٹھا پھولوں کے مالے بنا رہا تھا۔
’’تم چور ہو ‘‘میں نے اسے پکڑا۔
’’بالکل نہیں، بابو جی !یہ آپ کیسی بات کہہ رہے ہیں!میں تو بھکاری ہوں۔بھیک کے کچھ پیسے بچا کر پھول خرید لاتا ہوں اور مالے بنا کر انہیں بیچتا ہوں۔کچھ دنوں کے بعد مجھے بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔مجھے چور بتانے کا آپ کے پاس کوئی ثبوت ہے؟‘‘
لڑکے کی آواز میں کڑک تھی۔اس کی چوری کا میرے پاس کوئی ثبوت نہیں تھا۔کئی لوگ ہماری باتیں سن رہے تھے۔ایسے میں، ثبوت کی بات پر میں خود کو شرمندہ محسوس کر رہا تھا،ان کی نظروں میں۔ 
خاموش ہو کر میں چل پڑا،کچھ دور چلنے کے بعد میں نے دیکھا۔لڑکا میرے پیچھے آ رہا ہے۔سنّاٹا پا کر اس نے مجھ سے کہا۔’’بابو جی!میں ہوں تو وہی بھکاری،اور آپ کی بھیک پر ہی جی رہا ہوں۔فرق صرف اتنا ہے کہ آپ اپنے ہاتھ سے خود اٹھا کر دیتے، تو دنیا کے سامنے میں آپ کا مشکور ہوتا۔ لیکن اب بالکل نہیں ہوں‘‘
میرا سر جھک گیا۔پھولوں کا نقصان تو میرے لیے کوئی نقصان نہیں تھا،ایک بہت بڑی جنس میرے ہاتھ سے نکل گئی تھی، اور قصور وار میں تھا۔
٭٭٭


رشمی
بڑے آدمی کی ماں

تیز، چلچلاتی دھوپ میں ایک ماں اپنے بیٹے کا بیگ تھامے اسے اسکول لے جا رہی ہے۔ مَن میں بڑے بڑے ارمان لیے ۔۔۔ کہ میرا بیٹا ایک دن ’بڑا آدمی‘ بنے۔ اس نے ہاتھ کی چھتری یوں پکڑ رکھی تھی کہ خود کی پرواہ نہیں،بیٹے پر دھوپ کا ایک قطرہ نہیں پڑے۔
تیس سال گذر گئے:
آج اس کا بیٹا ’بڑا افسر بن چکا ہے۔شان و شوکت کا مالک۔ لیکن ماں آج بھی چلچلاتی دھوپ میں اسکول بیگ تھامے اپنے پوتے کو لیے جا رہی ہے۔
چھتری بھی ویسے ہی پکڑ رکھی ہے کہ پوتے پر دھوپ کا ایک قطرہ نہیں پڑے۔ یقیناً پوتا بھی ’بڑا افسر ‘ بنے گا۔
٭٭٭


رشیم بڑتھوال
یقین

وکرم کے کندھے پر سوار بیتال نے کہانی سنائی۔’’مَنُو کے سامنے ایک انسان اور ایک دیوتا کھڑے تھے اور اسے حکم تھا کہ وہ دونوں میں سے کسی ایک کو مار ڈالے۔مَنُو نے دیوتا کو مار ڈالا۔بتاؤ کہ مَنُو نے انسان کو کیوں نہیں مارا،دیوتا کو کیوں مار ڈالا؟اگر جانتے ہوئے بھی سوال کا صحیح جواب نہیں دیا، تو تمہارے سر کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیے جائیں گے۔‘‘
وِکرم کو منہ کھولنا پڑا۔اس نے کہا،’’مَنُو اگر انسان کو مار ڈالتا تو کائنات کا ہی خاتمہ ہو جاتا۔دیوتا کا کیا ہے،وہ تو انسان کے اندر بھی پیدا ہو سکتا ہے۔
بیتال ہی ہی۔۔۔ ہی ہی ۔۔۔ کرتا ہوا اُڑا لیکن اس کی ہنسی اس بار خوفناک نہیں لگی تھی۔وِکرم نے اپنا پسینہ پونچھا لیکن اس بار وہ بے بس نہیں لگتا تھا۔
٭٭٭


رمیش چندر شریواستو
محنت کش

اس دن ٹرین دیر سے رات کے بارہ بجے پہنچی۔باہر ایک بوڑھا رکشا والا ہی نظر آیا،جسے کئی مسافر دانستہ چھوڑ گئے تھے۔میرے بھی جی میں آیا کہ اس سے چلنا پاپ ہو گا،لیکن مجبوری تھی۔اسے ہی بلا لیا۔وہ بھی بغیر کچھ پوچھے چل پڑا۔
کچھ دوری طے کرنے کے بعد اُوَر بریج کی چڑھائی تھی،تب جا کر پتہ چلا کہ اس کے ایک ہی ہاتھ تھا۔میں نے ہمدردی سے پوچھا، ’’ایک ہاتھ سے رکشا چلانے میں بہت پریشانی ہوتی ہو گی؟‘‘
’’بالکل نہیں بابو جی،شروع میں کچھ دن ہوئی تھی۔‘‘
رات کے سنّاٹے میں وہ ایک ہی ہاتھ سے رکشا کھینچتے ہوئے پسینے پسینے ہو رہا تھا۔میں نے پوچھ لیا، ’’ایک ہاتھ کی کیا کہانی ہے؟‘‘
تھوڑی دیر کی چُپّی کے بعد وہ بولا،’’گاؤں میں کھیت کے بٹوارے میں رنجش ہو گئی،وہ لوگ زور آور اور مجرم قسم کے تھے،مقدمہ اٹھانے کے لیے دباؤ ڈالنے لگے۔‘‘
وہ سنجیدہ ہو گیا اور آگے کی بات بتانے سے کترانے لگا،لیکن میرے تجسس کے سامنے وہ مجبور ہو گیا اور بتایا،’’ایک رات جب وہ کھلیان میں سو رہا تھا،جان سے مار دینے کی نیت سے مجھ پروار کیا گیا۔اتفاق سے گنڈاسا میری گردن کے بجائے ہاتھ پر گرا،اور وہ کٹ گیا۔‘‘
’’کیا دن کی مزدوری سے کام نہیں چلتا،جو اس عمر میں رات کو رکشا چلاتے ہو؟‘‘ میں نے اس کے تئیں ہمدردی محسوس کی۔
’’رات میں بھیڑ کم ہوتی ہے اس لیے رکشا چلانے میں آسانی رہتی ہے۔‘‘اس نے آہستہ سے کہا۔
اس کی مجبوری سمجھتے ہوئے میں نے گھر پہنچ کر اسے پانچ روپے کے بجائے دس روپے دیے۔سیڑھیاں چڑھ کر دروازہ کھلوا ہی رہا تھا کہ وہ بھی ہانپتا ہوا پہنچا اور پانچ روپے واپس کرتے ہوئے بولا۔’’آپ نے زیادہ دے دیا تھا۔‘‘
’’آپ کی حالت دیکھ کر اور رات کی محنت سوچ کر یہ کوئی زیادہ نہیں ہے،میں خوشی سے دے رہا ہوں۔‘‘
’’صاحب! میرا عہد ہے کہ ایک ہاتھ کے رہتے ہوئے،ہمدردی کی بھیک نہیں لوں گا،جسم بوڑھا ضرور ہو چکا ہے،عزم نہیں۔‘‘
اس نے جواب دیا اور مجھے لگا میں نے انجانے میں ایک ایماندار محنت کش کی بے عزتی کر دی ہے۔
٭٭٭


سوبھاش نیرَو
بیمار

’’چلو،پڑھو۔۔۔ !‘‘تین سالہ بچی کتاب کھول کر پڑھنے لگی،اَ سے انال۔۔۔ آ سے آم۔۔۔ ‘‘یکایک اس نے پوچھا،’’پاپا!یہ اَنال، کیا ہوتا ہے؟‘‘
’’یہ ایک پھل ہوتا ہے بیٹے‘‘ میں نے اسے سمجھاتے ہوئے کہا۔’’اس میں لال لال دانے ہوتے ہیں۔۔۔ میٹھے میٹھے۔‘‘
’’پاپا ! ہم انال کھائیں گے‘‘ بچی نے پڑھنا چھوڑ، ضد سی کرنے لگی۔میں نے اسے ڈانٹ دیا۔’’بیٹھ کر پڑھو۔۔۔ اے فار ایپل،ایپل معنی۔۔۔ ‘‘اچانک مجھے یاد آیا،دوا دینے کے بعد ڈاکٹر نے مشورہ دیا تھا، بیوی کوسیب دیجیے۔
’’سیب!‘‘
اور میں من ہی من پیسوں کا حساب لگانے لگا تھا۔سبزی بھی خریدنی تھی۔دوا لینے کے بعد جو پیسے بچے تھے،اس میں ایک وقت کی سبزی آ سکتی تھی۔بہت سوچنے وِچارنے کے بعد،میں نے ایک سیب تلوا لیا تھا،بیوی کے لیے۔بچی پڑھ رہی تھی اے فا ر ایپل۔۔۔ ایپل معنی۔۔۔ سیب۔‘‘
’’پاپا! ایپل بھی بیمال لوگ کھاتے ہیں۔۔۔ ؟جیسے ممی۔۔۔ !‘‘مجھ سے بچی کے اس سوال کا جواب نہیں بن پڑا۔بس اس کے چہرے کو پلکیں جھپکائے بغیر دیکھتا رہا۔
بچی نے بھر پور نظروں سے کتاب میں بنے لال رنگ کے سیب کی تصویر دیکھتے ہوئے پوچھا،’’میں کب بیمال ہوؤں گی ۔۔۔ پاپا!‘‘
٭٭٭


سریش شرما
انسانیت

گذشتہ دنوں مراد آباد کے فسادات کے بعد ہمارے شہر میں بھی تناؤ کی فضا چل رہی تھی۔ان ہی دنوں،  ایک بار میں اپنی بیوی اور بچّوں کے ساتھ سینما دیکھنے گیا تھا۔
جیسے ہی ہم سینما ہال سے باہر آئے، تو دیکھا کہ سڑک پر بھگدڑ مچی ہوئی ہے۔سبھی تیزی کے ساتھ بھاگے جا رہے تھے۔ میں نے مشکل سے پتہ لگایا تو معلوم ہوا کہ شہر میں فساد پھوٹ پڑا ہے۔
سن کر میری بیوی اور بچّے خوف زدہ ہو گئے۔ہمارا گھر شہر سے کافی دور تھا اور کوئی رکشا،  تانگہ نہیں تھا۔
تب ہی ایک نوجوان ہمارے پاس آیا اور ہمارا مسئلہ جان کر ہمیں اپنی کار سے ہمارے گھر تک چھوڑنے کو راضی ہو گیا۔
راستے بھر میری بیوی مسلمانوں کو برا بھلا کہہ کر کوستی رہی۔
و ہ شخص مسکراتا رہا۔
راستے میں پتھروں کی بارش سے کار کے شیشے ٹوٹ گئے۔ خیر ہم بہ عافیت گھر پہنچ گئے۔
میں نے کار کی مرمّت کروا لینے کے لیے کچھ روپیے نکال کر دیتے ہوئے نوجوان کا شکریہ ادا کیا۔اس نے روپیے لینے سے انکار کر دیا۔کہ انسانیت کی کوئی قیمت نہیں ہوتی ہے۔
میری بیوی نے اس سے اس کا تعارف جاننا چاہا تو اس نے اپنا نام نجم الحسین بتایا۔
۔۔۔  اور اس کی کار ہمارے منہ پر دھواں چھوڑتی ہوئی چلی گئی۔
٭٭٭


سریش شرما
چراغ تلے اندھیرا

ایک وزیر نے سرکاری عملہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’حکومت بہبودِ اطفال کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتی ہے۔آپ لوگ دھیان رکھیں کہ ہوٹلوں، دکانوں، کار خانوں وغیرہ میں کم عمر کے بچّوں سے کوئی کام نہیں لیا جائے۔ ‘‘
ما تحتوں نے تائید تالیاں پیٹیں۔ مٹنگ ختم ہونے کے بعد انہوں نے چپراسی کو چائے کے لیے کہا۔
اور تھوڑی دیر بعد ایک بارہ سال کا دبلا پتلا، بد حال سا معصوم بچہ،سب کے سامنے چائے کی پیالیاں رکھ کر چلا گیا۔
٭٭٭


سندر اگروال
ریگستان کے باشندے

غریبوں کی ایک بستی میں لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے ایک وزیر نے کہا ’’اس سال ملک میں خوفناک خشک سالی آئی ہے۔ہم وطنوں کو بھوک سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم ہفتے میں کم سے کم ایک دن کا فاقہ کریں‘‘
’’ہم سب ہفتے میں دو دنوں کا فاقہ کرنے کے لیے تیّار ہیں‘‘ بھیڑ میں سب سے آگے کھڑے ایک شخص نے کہا۔
وزیر مملکت اس کی باتیں سن کر بہت متاثر ہوئے اور بولے’’’جس ملک میں آپ جیسے قوم پرست ہوں وہ ملک کبھی بھوکا نہیں مر سکتا ہے‘‘
وزیر مملکت چلنے لگے تو لوگوں کے چہرے سوالیہ نشان بن گئے۔انہوں نے تجسس سے پو چھا۔آپ لوگوں کو کوئی اور بات پوچھنی ہو تو پوچھ سکتے ہیں۔‘‘
تھوڑی جھجھک کے ساتھ ایک بزرگ شخص نے کہا’’ساب! ہمیں باقی کے پانچ دنوں کا راشن تو مل جائے؟؟
٭٭٭


سُنیل کمار سمن
مہربانی

چاروں طرف چہل پہل تھی۔جگہ جگہ بڑے بڑے گیٹ بنائے گئے تھے۔قومی گیتوں کے کیسٹ بج رہے تھے،رہ رہ کر پانچ سات کھادی پوش ادھر سے ادھر آتے جا تے دکھائی دے رہے تھے۔پوچھنے پر پتہ چلا کہ نیتا جی وزیر بننے کے بعد پہلی بار علاقہ کے دورے پر آ رہے ہیں۔
اچانک شور اٹھا،دھول اڑنے لگی،بینڈ والے استقبالیہ دھُن بجانے لگے۔تب ہی کاروں کا قافلہ آ کر رکا۔بیچ والی کار سے ایک سفید کھادی پوش اترا۔پیچھے اسلحہ بردار محافظوں کا دستہ تھا۔نیتا جی آگے بڑھے۔چاروں طرف ان کی جے جے کار کے نعرے بلند ہونے لگے۔وہ رہ رہ کر ہاتھ جوڑ لیتے تھے، آشناؤں سے خیر و عافیت دریافت کرتے اور نا آشناؤں کے لیے بناوٹی مسکراہٹیں بکھیر دیتے۔
تب ہی بھیڑ کو چیرتا ہوا ایک موٹا تازہ،مسٹنڈا سا شخص سامنے آیا۔شکل و صورت نمبری غنڈے کی سی تھی،  جس کے ساتھ کڑی کڑی مونچھوں والے چار نوجوان بھی تھے۔وہ ’ویرو دادا ‘ تھا۔جس نے گذشتہ انتخاب میں نیتا جی کی جیت کے لیے مدد کی تھی۔اسے دیکھتے ہی نیتا جی رک گئے،اور کہا:
’’کیوں رے بیروا،پہلے تو تم جیب کاٹتے تھے،چھوٹی موٹی چوری کرتے تھے،لیکن اب تو تمہارے نام سے قتل اور لوٹ کی خبریں بھی ملنے لگی ہیں!‘‘اس نے دانت نپوڑ دیے۔ ’’ہی۔۔ ہی۔۔ ہی ‘‘اور پھر ہاتھ جوڑ کر دھیمے لہجے میں کہا۔
’’سب آپ کی کرپا ہے مالک!‘‘
نیتا جی نے اس کی پیٹھ تھپتھپائی اور ہنستے ہوئے آگے بڑھ گئے۔
٭٭٭


سوریہ کانت ناگر
احساسِ جرم

ڈونیشن اور جھوٹا برتھ سرٹیفکٹ دینے کے بعد ننھے سندیپ کو اسکو ل میں داخلہ مل گیا۔اگلے دن ڈریس اور بستہ دلانے کے لیے میں اسے بازار لے گیا۔ دوکان پر پہلے سے کچھ گاہک موجود تھے اور دوکاندار ان میں الجھا ہوا تھا۔گرمی کچھ زیادہ ہی تھی۔دوکان کا پنکھا مری مری سی ہوا پھینک رہا تھا۔کچھ دیر بعد سندیپ نے کہا۔’’پاپا! بہت پیاس لگی ہے۔پانی پیوں گا۔‘‘خریداری کرتے ہوئے دوکاندار سے پانی مانگ کر پلانے کا گذشتہ تجربہ ساتھ تھا۔میں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
’’پاپا! سچ مچ بہت پیاس لگی ہے‘‘ دوکان کے کونے میں صاف ستھرے گھڑے اور گلاس کو دیکھتے ہوئے اس نے ضد کی۔
میں نے پھر ان سنا کر دیا۔ اس نے پھر مانگ دہرائی تو اِدھر اُدھر دیکھتے ہوئے میں اپنا منہ بیٹے کے کان کے پاس لے گیا اور آہستہ سے کہا،جیسے کوئی اسرار یا بہت اہم بات بتا رہا ہوں۔’’یہ مسلمان کی دوکان ہے۔‘‘
میں نے سوچا تھا،وہ چونکے گا اور دھرم بھرشٹ ہونے کے خیال سے چپ ہو جائے گا۔لیکن اس نے ایک لمحہ کو رک کر پوچھا۔’’پاپا،یہ مسلمان کیا ہوتا ہے؟‘‘
میں بغلیں جھانکنے لگا۔ایک خوف بھی تھا کہ کہیں دوکاندار نے سن نہ لیا ہو۔مجھے خاموش دیکھ کر اس نے پھر پوچھا۔
’’مسلمان کی دوکان کا پانی پینے سے کیا ہوتا ہے،پاپا؟‘‘
میں نے بیٹے کے منہ پر پاتھ رکھ دیا اور اسے کھینچ کر باہر لے آیا۔محسوس ہوا جیسے نرم اور ملائم زمین پر ببول اورکیکٹس بونے کا گناہ مجھ سے ہو گیا ہے۔
٭٭٭


ڈاکٹر سیتا رام دوبے
انویسٹمنٹ

مارکٹنگ کرتے ہوئے میں پورے روپے خرچ کر چکا تھا،لیکن آٹھ سال کے بنٹی نے اپنے پچاس پیسے محفوظ رکھے تھے۔پلاسٹک کے کھلونے لینے سے اس نے انکار کر دیا کہ کوئی بھی پیر رکھ دے گا تو ٹوٹ کر چور چور ہو جائیں گے،کاغذ کے پھلوں سے سجے گلدستے پر اس کی طبیعت گئی،لیکن فوراً ہی یہ کہہ کر ٹال دیا کہ گرد دھول سے جلد ہی میلے ہو جائیں گے۔فٹ پاتھ پر سیپ سے بنی بطخوں کی دکانیں لگی تھیں،’’بیس پیسے کی ایک۔۔ !‘‘
میں نے کہا۔ ’’چالیس پیسوں کا ایک جوڑا لے لو‘‘
اس نے اس کی بناوٹ دیکھی،اور فیصلہ سنایا۔’’ایرالڈائٹ کی ایک شیشی اگر آپ لا دیں گے تو میں ہی بنا لوں گا،سیپی تو میرے پاس رکھی ہے۔‘‘
رسائل بیچنے والے کی دوکان پر بچوں کا رسالہ، ابھی میں نے اٹھایا ہی تھا کہ وہ بول پڑا۔’’کالونی کی لائبریری میں سارے رسائل آتے ہیں،خریدنے سے کیا فائدہ؟‘‘
پیسوں کے تئیں بچے کے اس لگاؤسے مجھے جھنجھلاہٹ ہو رہی تھی۔اب میں اس نتیجے پر پہنچ رہا تھا کہ شائد یہ تعلیم اسے اپنے اسکول سے مل رہی ہو۔ویسے اس کی ممی بھی بہت جوڑ توڑ کے ساتھ پیسے خرچ کرتی ہے۔سوچا،گھر پہنچتے ہی سب سے پہلے اسی موضوع پر بات ہو۔میں نے جلد سے جلد پہنچنے کے لیے تیز تیز قدم بڑھانے چاہے،بنٹی سے بھی کہا۔ ’’جلدی چلو، ہم لیٹ ہو رہے ہیں۔‘‘ لیکن بنٹی میرے بازو میں نہیں تھا۔
میں ہکّا بکّا رہ گیا،پسینے سے تر بتر۔گھر پہنچنے پر کہرام،ہاتھ تھام کر نہیں چلنے کے لیے پچھتا وا،پولس تھانے میں رپورٹ کرنے سے لے کر اخبارات میں خبر دینے تک کے تمام منصوبے ایک کے بعد ایک اٹھنے لگے۔سر زوروں سے چکرانے لگا۔تب ہی خیال آیا کیوں نہ پیچھے چل کر اسے تلاش کیا جائے؟ مڑا ہی تھا کہ دیکھا،بنٹی دوڑتا ہوا چلا آ رہا ہے۔کچھ سہم کر وہ میرے قریب کھڑا ہو گیا۔میں نے ڈانٹتے ہوئے کہا،’’کہاں کھڑے رہ گئے تھے؟جلدی نہیں چلتے،کہیں گم ہو جاتے، تو؟‘‘
میری ڈانٹ کو سمجھتے ہوئے منہ نیچے کیے وہ دھیرے سے بولا،’’پاپا!وہ لڑکا تھا نہ کالا سا، گندہ کپڑے پہنے، اسے بھوک لگی تھی۔پچاس کا سکّہ میں نے اسے دے دیا۔‘‘
’’پاگل ہو؟یہ لوگ اسی طرح بہانے بنا کر جھوٹ بولتے ہیں،اور راہ چلتے لوگوں کو ٹھگتے ہیں۔‘‘
’’لیکن،پاپا! اس کا پیٹ بھرا نہیں تھا،اس نے دو دنوں سے کچھ بھی نہیں کھایا تھا۔‘‘
درد مندی کی نمی سے و ہ بھیگتا جا رہا تھا،نصیحت کے لیے الفاظ چوک رہے تھے۔ ہلکا ہو کر میں چپ چاپ اس کا ہاتھ تھامے آگے بڑھ گیا۔گر چہ مجھے محسوس ہو رہا تھا کہ بچے کو شاباشی دے کر اس کے کام کی تعریف کرنی چاہیے۔ ۔۔۔ لیکن الفاظ !گلے میں اٹک کر رہ گئے تھے۔
٭٭٭



سیتا رام گپتا
عیّاری

رات کے قریب گیارہ بجے منوج کا فون آیا’’ساری(sorry) آنند جی اتنی رات گئے ڈسٹرب کیا۔میں جاننا چاہتا تھا،کیا آپ کی بھتیجی کی بات بنی؟‘‘
میں نے ہی منوج کو اپنی بھتیجی کے لیے کوئی اچھا سا لڑکا بتانے کے لیے کہا تھا۔ منوج کو یاد تھا اور اس نے یہی جاننے کے لیے اتنی رات کو فون کیا تھا۔میں نے اسے بتایا کہ میری بھتیجی کا رشتہ ابھی تک تو نہیں ہوا ہے۔منوج نے بتایا کہ اس کی نظر میں ایک بہت ہی اچھا لڑکا ہے۔اوراس نے ایک دو دنوں میں اس کا بایو ڈاٹا بھجوانے کی بات کہی۔
پھر اس نے بتایا کہ ’ویلدی ورلڈ‘ میں وہ ایک ساتھ میرے دو مضامین شائع کر رہا ہے۔ابھی اداریہ نہیں لکھا گیا ہے،ورنہ رسالہ اب تک منظرِ عام پر آ چکا ہوتا۔ پھر مجھ سے کہنے لگا ’’آپ کے پاس وقت ہو تو آپ لکھ دیں۔‘‘میں نے مجبوری بتائی اور ساتھ ہی یہ بھی پوچھا کہ میں بھلا دوسرے کے لیے کیوں لکھوں؟‘‘
’’نہیں ایسا نہیں ہے کوئی نہ کوئی تو لکھتا ہی ہے،میں نے سوچا آپ ذرا اچھا لکھیں گے،سو آپ سے پوچھ لوں۔‘‘پھر اس نے آگے کہا ’’کل دوپہر تک لکھ لو،میں خود آ کر لے جاؤں گا اور آپ کو لڑکے کا بایو ڈاٹا بھی دے جاؤں گا‘‘ منوج نے آگے کہا۔۔۔ میں جواب دیے بغیر،خاموش تھا۔میری خاموشی کا معنی سمجھتے ہوئے منوج نے کہا ’’ٹھیک ہے آنند جی! کل دوپہر کو ملتے ہیں، نمسکار۔۔۔ گُڈ نائٹ۔‘‘
میں رات بھر کتابیں الٹتا پلٹتا رہا تب کہیں جا  کر صبح کے ساڑھے چار،پانچ بجے تک ’کچھ‘ لکھ پایا۔
صبح دیر سے اٹھا۔چائے پینے کے لیے کپ ہاتھ میں اٹھایا ہی تھا کہ دروازے کی گھنٹی بجی۔منوج ہی تھا۔مضامین دیکھ کر وہ میری تحریر کی تعریف کے پل باندھنے لگا۔میں نے رات کا لکھا ہوا اس کے حوالے کر دیا اور سوالیہ نگاہوں سے اس کی طرف دیکھا۔
’’ساری آنند جی،اس لڑکے کا رشتہ تو پکّا ہو چکا۔کل ہی ہوا ہے۔ایک اور لڑکا ہے میری نظر میں۔اس سے بھی اچھا۔اس کا بایو ڈاٹا بھجواتا ہوں۔‘‘یہ کہہ کر منوج کھڑا ہو گیا۔ میں نے کہا’’ بیٹھو، چائے تو پیو۔‘‘
’’تھینک یو آنند جی، میں ناشتہ کر کے ہی گھر سے نکلتا ہوں۔ باہر کھڑی اپنی گاڑی میں مدیر محترم بیٹھے ہیں۔ہم ذرا جلدی میں ہیں۔‘‘اتنا کہتے ہوئے،  میرے اٹھنے سے پہلے ہی منوج،کھٹ کھٹ کرتا ہوا دروازے سے باہر ہو گیا۔
٭٭٭




سیتا ر ام گُپتا

رِپورٹنگ

شہر میں فسادات پھوٹ پڑے تھے۔چاروں طرف افرا تفری کا سما تھا۔بے قابو بھیڑ کو قابو کرنا نا ممکن سا ہوتا جا رہا تھا۔بھیڑ تھی کہ بڑھتی ہی جا رہی تھی۔کوئی پتھر پھینک رہا تھا تو کوئی، کہیں آگ لگا کر چُپکے سے بھیڑ میں گھُس جاتا تھا۔ پتھراؤ اور آگ زنی کے واردات بڑھتے ہی جا رہے تھے کہ اچانک گولی باری شروع ہو گئی۔لوگ زخمی ہو کر کٹے درخت کی طرح گرنے لگے۔ہر طرف خون ہی خون بکھر ا دکھائی دینے لگا۔زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جانے لگا۔نہ جانے کتنے زخمی مردوں میں تبدیل ہو چکے تھے۔چاروں طرف کہرام مچ گیا۔
ٹی وی چینلوں کے رپورٹر جو اَب تک فرض ادا کرنے کے موڈ میں سُست کھڑے تھے،متحرک ہو گئے۔زخمیوں اور مردوں کے رشتہ داروں سے انٹرویو کا سلسلہ تیز ہو گیا۔ اسی دوران ایک سنسناتی ہوئی گولی آئی اور ٹی وی رپورٹر سے بات کرتے ایک مرنے والے کے رشتہ دار کے بازو میں گھُس گئی۔ایسے مواقع شاذ و نادر ہی آتے ہیں،جب کوئی سنسنی خیز واقعہ خود بخود کیمرے میں قید ہو جائے۔پوری ٹیم گولی لگ کر گرتے ہوئے شخص کو کور کرنے کے لیے متحرک ہو گئی۔
لیکن یہ کیا؟رِپورٹر نے اپنے ہاتھ میں پکڑا ہوا مائک اپنے معاون کی طرف پھینک دیا اور لپک کر گولی لگ کر گرتے ہوئے شخص کو تھام لیا۔رِپورٹر اس شخص کو سہارا دے کر قریب ہی کھڑی ایک کار تک لے گیا اور کار کے پاس کھڑے آدمی سے جلد سے جلد ہسپتال لے چلنے کی منّتیں کرنے لگا۔
ٹی وی چینل کی ٹیم کے لوگ خفا ہو کر رِپورٹر سے کہنے لگے۔’’تم نے یہ کیا کر دیا۔۔ ؟اتنے اچھے کوریج کا ستّیا ناش کر ڈالا۔۔۔ !اور ساتھ ہی اپنے کیرئر کا بھی۔‘‘
’’اگر گولی لگنے والے شخص کو فوری ڈاکٹری سہولت مہیّا کروائی گئی تو ممکن ہے وہ بچ جائے اور ایک خاندان بکھرنے سے محفوظ رہے۔۔۔ کیا یہ بھی ایک اچھی اسٹوری نہیں رہے گی؟‘‘رِپورٹر نے کہا۔
رِپورٹر زخمی شخص کو لے کر فوراً روانہ ہو گیا۔
لیکن زخمی شخص کو لے جاتے ہوئے،اس رِپورٹر کو کسی ٹی وی چینل والے نے کور نہیں کیا۔
ٹی وی چینلوں کی ٹیمیں،کسی اچھی اسٹوری کی تلاش میں اِدھر اُدھر بھاگ دوڑ میں مصروف ہو گئیں۔
٭٭٭


ششی بھوشن بڈونی
مول جول

مہینے کی ابتدا تھی۔ابھی تنخواہ ملی تھی۔پڑوسی دوست سدھیر کے ساتھ،میں بھی بازار چل پڑا۔پہلے ہم ایک ہوزری شوروم سے کچھ کپڑے خریدنے لگے۔
دکاندار نے کپڑے پیک کر دیے تو میں نے اپنی مول جول کی عادت کے مطابق، قیمت صحیح لگانے کی بات کہی۔
تب ہی سدھیر نے میرے قریب آ کر پھسپھساتے ہوئے سمجھایا۔ارے یار۔۔۔ ! سمجھا کر۔۔۔ اتنے بڑے شوروم میں بڑے بڑے لوگ آتے ہیں ۔۔۔ اس طرح مول جول کر نے سے لوگ مذاق اڑاتے ہیں۔۔۔ دس بیس روپے سے کیا فرق پڑتا ہے۔۔۔ ؟میں نے بھی اس سے تقریباً متفق ہوتے ہوئے چپ رہنا ہی مناسب سمجھا۔
واپس آتے ہوئے فٹ پاتھ پر،ریوڑیوں والے سے کچھ خریدنے لگے۔ یہاں بھی میں نے عادتاً مول جول کیا۔پاس ہی خرید رہے سدھیر کی طرف میں نے دیکھا۔وہ بھی وہاں مول جول کر رہا تھا۔
واپسی پر سدھیر نے ہنستے ہوئے بتایا،اس نے ریوڑی والے سے آخر دس روپے کم کروا ہی لیے تھے۔
٭٭٭


شیام سندر دیپتی
دیواریں

’’سسری کال باپو جی۔۔ ! اور کیا حال ہے؟‘‘کشمیرے نے دروازہ کے سامنے گلی میں چارپائی پر بیٹھے، باپو کو بلایا اور پوچھا’’جسّی گھر پر ہے؟‘‘
’’ہاں بیٹا،اور تو سُنا،راضی ہے سب؟‘‘
’’ہاں باپو جی، مہر ہے سب واہے گُرو کی۔تمہیں، شہری گلی میں درخت کے نیچے بیٹھا دیکھ کر، گاؤں کی یاد آ گئی۔شہری تو بس گھروں میں گھسے رہتے ہیں ۔۔۔ آیا باپو،جَسّی سے مل کر۔کہتا ہوا وہ اندر چلا گیا۔
جَسّی نے کشمیرے کے آنے کی آواز سن لی تھی اور کمرے سے باہر آگیا تھا۔اس نے اسے گلے سے لگایا اور پھر اندر لے گیا۔
اپنی باتیں ختم کر کشمیرے نے پوچھا’’ باپو جی، کب کے آئے ہوئے ہیں؟‘‘
’’طبیعت خراب تھی،میں لے آیا کے چلو شہر،کسی اچھے ڈاکٹر کو دکھا دوں گا،لیکن ان بزرگوں کا حساب ہی کچھ مختلف ہوتا ہے۔کار میں بِٹھا کر لے تو جا سکتے ہیں،ٹیسٹ کروا سکتے ہیں،لیکن دوائیں انہیں اپنی مرضی سے کھانی ہوتی ہے۔‘‘ جَسّی نے اپنی بات بتائی۔
’’چلو تم نے چیک اَپ کروا دیا نہ،اپنا فرض تو یہی ہے، بس۔‘‘
’’یہ تو ٹھیک ہے،تو نے تو دیکھ لیا نہ،گھر کے اندر کمروں میں اے سی،کولر،پنکھے، سب ہیں۔لیکن نہیں۔باہر ہی بیٹھنا ہے انہیں،وہیں لیٹنا ہے۔۔۔ بُرا لگتا ہے نہ؟ مگر سمجھتے ہی نہیں۔‘‘
’’تو نے کبھی سمجھا یا بھی باپو جی کو!‘‘
’’بہت مغز ماری کی۔‘‘
’’چل،سب کو پتہ ہوتا ہے،ان بزرگوں کی عادتوں کا۔‘‘کشمیرے نے بات کا رخ موڑنے کی کوشش کی اور اُٹھ کھڑا ہوا۔
باہر آ یا،ایک منٹ کے لیے باپو کے پاس بیٹھ ا اور پھر اپنے ہی انداز میں بولا: ’’باپو تو !نے تو شہر کا نظارہ ہی بدل دیا۔‘‘
’’ہاں بیٹا گھر میں پنکھے وَنکھے سب ہیں،لیکن قدرت کا کوئی مقابلہ نہیں،ایک بات اور بھی بیٹا، آتا جاتا کوئی بھی شخص رک جاتا ہے،دو باتیں سن جاتا ہے،دو سنا جاتا ہے،اندر تو بیٹا دیواروں کو ہی دیکھتے رہتے ہیں۔‘‘
’’یہ تو ٹھیک ہے باپو‘‘جَسّی کہہ رہا تھا’’سارے کمروں میں ٹی وی لگے ہیں، وہاں بھی دل بہل سکتا ہے۔‘‘ کشمیرے نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔
’’لے،یہ بھی سن لے۔میں تو اسے بھی دیوار ہی کہتا ہوں۔اب پوچھ،کیوں؟ کوئی اس کے ساتھ اپنے آپ کو تو نہیں ہلکا کر سکتا ہے نہ!‘‘
٭٭٭


شیلیندر ساگر
ہدایت

پہلی بار بچہ جب اسکول گیا، تو ماں نے اسے استادکا مرتبہ سمجھایاتھا۔ ’’استاد کا مرتبہ بہت بڑا ہے،ماں باپ سے بھی بڑھ کر۔ہمیشہ ان کا احترام کرنا چاہیے‘‘
’’استاد کا مرتبہ بڑا کیوں ہوتا ہے؟‘‘بچے نے تجسس کے ساتھ پوچھا۔
’’کیوں کے محنت سے وہ ہمیں پڑھاتے ہیں۔اچھے اوصاف،اچھی باتیں سکھاتے ہیں،اچھی نصیحتیں دیتے ہیں،کوئی غلط کام نہیں کرتے،اچھے سلوک کا نمونہ پیش کرتے ہیں۔‘‘
بچہ دلچسپی کے ساتھ ٹکٹکی باندھے سنتا رہا’’استاد بچوں سے بہت پیار کرتے ہیں، آج ان سے دعائیں لینا مت بھولنا۔‘‘چلتے ہوئے ماں نے ہدایت کی۔
من میں بے پناہ بچے کا فطری تجسس لیے بچہ کلاس روم میں بیٹھ گیا۔
کلاس کا وقت شروع ہو گیا،لیکن استاد محترم کا کہیں کوئی اتہ پتہ نہیں تھا۔کافی دیر بعد ایک شخص چپّلیں گھسیٹتا، کلاس روم میں داخل ہوا اور استاد والی کرسی پر بیٹھ گیا۔
شور شرابے کا ماحول تھم گیا۔
’’چلو بیٹھو۔‘‘استاد نے میز پر اپنے پیر پھیلا دیے۔
’’چل،او لڑکے،نکال کتاب۔۔۔ ادھر کھڑا ہو کر’ سورج اگتا‘ والا سبق پڑھ۔۔۔ ‘‘سہما ہوا بچہ اٹھا اور ایک طرف کھڑا ہو کر سبق پڑھنے لگا’’سورج اگتا،چڑیا بولی۔۔۔ ‘‘
’’ابے رک کیوں گیا؟‘‘اچانک وہ گرجے۔
’’ماسٹر جی،سبق ختم۔۔۔ ‘‘بچے کی آواز کانپ گئی۔
’’تو پہاڑا یاد کرا انہیں۔۔۔ ‘‘
’’جی ماسٹر جی۔۔ ۔۔۔ ‘‘
’’دو ایکم دو،دو دونی چار۔۔۔ ‘‘
پورے کلاس کی آواز اس سے جڑ گئی۔ 
استاد محترم نے پوری طرح آنکھیں بند کر لیں اور کہیں کھو گئے۔کچھ دیر بعد چھٹّی کی گھنٹی ٹنٹنائی۔شور شرابے کے درمیان استاد اور بچے باہر نکل پڑے۔
بچے کو اچانک ماں کی ہدایت یاد آئی۔اس نے تیزی سے بڑھ کر اس بچے کے پاؤں چھو لیے،جو سبق پڑھا رہا تھا۔
٭٭٭


ڈاکٹر کشور کابڑا
پیڑ

میری کھڑکی سے ایک ہرا بھرا پیڑ نظر آتا ہے۔اب چوں کہ میٹرو پو لیٹین شہر میں رہتا ہوں،اس لیے اسی پیڑ کو دیکھ کر جنگل کا مزہ لینا پڑتا ہے۔
ایک دن آفس سے لوٹ کر جب کھڑکی سے جھانکنے لگا تو سنّ سا رہ گیا۔ ارے۔۔۔ ! درخت کہاں چلا گیا!!بیٹی سے پوچھا۔اس نے روہانسی ہو کر بتایا،پاپا جی ۔۔  گڈریوں نے کاٹ کر گرا دیا۔دن بھر شاخیں کاٹتے رہے،  اب تنا ہی اڑا دیا،بس وہ کھونٹے جیسا ٹنڈ منڈ کچھ بچا ہے۔
شام کو بیٹے نے پوچھا،پاپا۔۔۔ اب کَوّے کہاں رہیں گے؟ان کے انڈے،بچّے۔۔۔ !
بیوی نے کہا خوب جامن کھلائے اس پیڑ نے۔کاٹنے والے کو سزا کیوں نہیں دلاتے؟؟
اب میں کیا جواب دوں؟مجھے تو لگ رہا تھا میرا ایک بازو ہی کٹ گیا ہو اور اس کی جگہ ٹنڈ منڈ سا کچھ لٹک رہا ہو۔
رات کو اچانک میری نیند کھلی۔محسوس ہوا سامنے کی چھت سے کسی نے چھلانگ لگائی ہے۔کھڑکی کھول کر دیکھا تو آنکھوں پر یقین نہیں آیا۔ایک بندر نے ہمیشہ کی عادت کے مطابق،نیچے جامن کا پیڑ سمجھ کر چھت سے چھلانگ لگائی تھی۔لیکن ٹھُونٹھ سے ٹکرا کر چٹّان پر جا گرا تھا، اور تربوزے کی طرح اس کی کھوپڑی پھٹ گئی تھی۔
٭٭٭


کمار نریندر
ذہنیت

بابو منسا رام کو بس اسٹینڈ پر کھڑے کھڑے پَون گھنٹا ہو گیا تھا مگر ان کے روٹ کی ڈی ٹی سی کی ایک بھی بس ابھی تک نہیں آئی تھی۔اب انہیں شدت کی پیاس لگی تھی پینٹ کی دائیں جیب ٹٹو لی،صرف ایک اٹھنّی تھی۔ انہوں نے حساب لگایا، ایک گلاس پانی پیتے ہیں دس پیسے،باقی کے چالیس پیسے ٹکٹ۔ اگر کھلے چالیس پیسے ہوں گے تو کھچا کھچ بھری بس میں ٹکٹ بھی جلدی اور آسانی سے مل جائے گا۔ اس خیال سے وہ پانی کی ٹنکی کے پاس جا پہنچتے ہیں ’’ایک گلاس پانی دینا بھیّا‘‘ ان کی نحیف سی آواز نکلی۔اور وہ پانی غٹا غٹ پی گئے۔
’’اور دیں بابو!‘‘ٹنکی والے نے نہایت شائستگی کے ساتھ پوچھا۔
’’نہیں بھیّا، بس بجھ گئی پیاس۔‘‘ بابو منسا رم نے،تشنگی کے احساس کے ساتھ،  پانی والے کو اٹھنّی دیتے ہوئے کہا۔
’’نہیں بابو اس ٹنکی پر پانی فری ملتا ہے،رام لال،کشن لال ساڑی والوں کی طرف سے۔‘‘ٹنکی والے نے اٹھنّی لوٹاتے ہوئے بتایا۔ 
’’اچّھا۔۔۔ !کب سے۔۔۔ ؟‘‘ان کا منہ کھلا کا کھلا رہ گیا۔
’’آج ہی سے۔‘‘ٹنکی والا نرمی سے بولا۔
’’یہ تو بہت بڑے ثواب کا کام ہے بھیّا۔۔۔ ‘‘بابو منسا رام نے عقیدتاً کہا، اور۔’ ’لا، ایک گلاس اور پلا دے۔‘‘ کہتے ہوئے اپنا داہنا ہاتھ آگے بڑھا دیا۔
٭٭٭


کمل چوپڑا
بہت بڑی لڑائی

بچّہ اپنی دنیا میں خوش اور کھویا ہوا تھا۔سیڑھیوں کے نیچے بیٹھا، رنگ برنگی لیروں سے بنی گُڑیا سے کھیل رہا تھا۔کوٹھی کی صفائی کرتی ہوئی اس کی ماں،ا سے خوش خوش کھیلتا دیکھ کر نچھاور ہوئی جا رہی تھی۔
اچانک اس کی خوشی پر پتھر گراتی اس کی مالکن چلّانے لگی ’’دلاری !کتنی بار کہا ہے تجھے؟کام پر، اپنے ساتھ بچے کو مت لایا کر۔۔۔ تیرا بچہ جس گُڑیا سے کھیل رہا ہے،اس پر میرے بیٹے ٹینو کی نظر پڑ گئی ہے۔۔۔ اب وہ ضد کر رہا ہے کہ وہ یہی گُڑیا لے گا۔۔۔ دیکھ تو اس نے کیسی رونی صورت بنا رکھی ہے۔۔۔ ‘‘
بالکل خاموش تھی دلاری ’’نظر پڑ گئی ہے تو ہم کیا کریں؟جو چیز انہیں اچھی لگے،انہیں مل جائے، ضروری ہے؟‘‘مالکن آگ بگولہ ہونے لگی ’’دلاری !سُنا نہیں؟ تیرا بچہ تو آرام سے کھیل رہا ہے،اور ٹینو اسے دیکھ دیکھ کر پریشان ہو رہا ہے۔۔۔ !ایسا کر،اپنے بچے سے لے کر یہ گُڑیا ٹینو کو دے دے۔۔۔ ‘‘جھنجھنا کر رہ گئی دلاری۔
دونوں بچوں کی عمر ایک تھی۔تین ساڑھے تین کے درمیان۔
نہ چاہتے ہوئے بھی،دلاری نے گُڑیا ٹینو کو دے دینے کو کہا۔بچے نے گُڑیا پر اپنی گرفت سخت کر، اسے سینے سے چپکا تے ہوئے کہا ’’نئیں ۔۔۔ میں کوں دوں؟گُلیا میلی ہے۔‘‘
اس نے اپنے بچے کو بہلانے کی بہت کوشش کی،لیکن وہ نہیں مانا۔اس نے اسے ڈانٹا اور گُڑیا چھین کر ٹینو کو دینا چاہا،لیکن بچہ بری طرح چیخنے چلّانے لگا۔گُڑیا واپس اپنے بچے کے ہاتھ میں دینی پڑی اسے۔
مالکن نے اندر سے قیمتی کھلونے نکال کر ٹینو کو دیے ’’یہ گُڑیا تو گندی ہے۔دفن کر اسے،یہ خوبصورت کھلونے لے لے،چھوڑ اسے۔دیکھ تو کتنے اچھے اچھے کھلونے ہیں؟‘‘
ٹینو ٹس سے مس نہیں ہوا یہی کھلونے لوں گا۔مالکن نے وہ قیمتی کھلونے، نوکرانی کے بچے کو دے کراس سے گُڑیا لینے کی کوشش کی،لیکن اس بچے نے بھی وہ سارے قیمتی کھلونے ٹھکرا دیے۔
ٹینو فرش پر لیٹ کر پچھاڑیں کھانے لگا۔اسے روتا دیکھ کر، مالکن بل کھا کر رہ گئی۔یکا یک،امیر،ذی حیثیت اور مالک ہونے کا غرور،مالکن کی آواز میں اتر آیا ’’دلاری !یہ لے پچاس روپے اور گُڑیا اپنے بچے سے چھین کر دے۔‘‘
دلاری کی سمجھ میں کچھ نہیں آ رہا تھا۔اس نے فرش پر پڑے پچاس روپے کے نوٹ کی طرف دیکھا،اور سمجھانے لگی اپنے بچے کو ’’دیکھ بیٹے،اپنے بھیا کو گُڑیا دے د ے۔ میں تجھے دوسرا بنا دوں گی۔‘‘
لیکن بچہ نہیں مانا۔ٹینو کے لیے بھیا تخاطب سن کر بھی،صرف موقعے کی نزاکت دیکھتے ہوئے طیش میں آنے کے با وجود اندر اندر تلملا کر رہ گئی مالکن۔ دلاری نے ٹینو کو سمجھایا،میں کل آپ کے لیے اس سے بھی اچھی گُڑیا بنا کر لا دوں گی۔
ٹینو مستقل روئے جا رہا تھا۔مالکن کو آخر آخر طیش آ ہی گیا ’’تجھے ذرا بھی لاج،  لحاظ ہے،یا نہیں؟میں کہہ رہی ہوں اپنے بچے سے گُڑ یا چھین کر مجھے دے دے۔تجھے اور پیسہ چاہیے تو لے لے۔سنا۔۔۔ ؟کہ نہیں۔‘‘
جواب میں دلاری کو جوں کا توں دیکھ کر مالکن بھڑک اٹھی۔تو اسی وقت بچے کو گود میں اٹھا اور کوٹھی سے باہر نکل۔
راستے میں اپنے بچے کے تئیں فخرسے اس کا سینہ پھول گیا،کہ وہ لالچ یاکسی کے دھونس میں نہیں آیا۔ اپنی گُڑیا کے لیے اَڑا رہا۔ہمیشہ تو ہم لوگ من مار کر رہ جاتے ہیں۔اس کو بھی تو پتہ چلے!کہ من مار کر رہ جانا کتنا اذیت ناک ہے!
٭٭٭


کملیش بھٹّ ’کمل‘
پیاس

ایک متوسط طبقے کا جوڑا اپنے دو بچوں کے ساتھ ٹرین میں سفر کر رہا تھا۔پانچ اور سات سال کے بچوں کو سنبھالنے کے لیے،بارہ تیرہ سال کی ایک نوکرانی گڈّی بھی ان کے ساتھ تھی۔مئی کے اخیر کی دھوپ اور گرمی کے سبب بچے پانی پانی کی رٹ لگا نے لگے ہوئے تھے۔ مرد نے تھر مس اٹھایا،تو پانی ندارد۔تب ہی ادھر سے ٹھنڈا بیچنے والا گذرا۔
مرد نے لمکا کی دو بوتلیں لے کر دونوں بچوں کو پکڑا دیں۔بچے خوشی خوشی لمکا پینے لگے تو مرد کو گُڈی کا خیال آیا۔
’’کیوں گُڈی تم بھی پیو گی؟‘‘
پیاسی گُڈی ابھی کوئی جواب دیتی، اس سے پہلے ہی عورت بول پڑی۔ ’’نہیں۔۔۔ گُڈی کو یہ سب اچھا نہیں لگتا۔‘‘
ٹھنڈا والا آگے بڑھ گیا اور گُڈی للچائی آنکھوں سے اسے جاتے ہوئے دیکھتی رہی۔
عورت اب پوری طرح مطمئن ہو کر بیٹھ گئی تھی۔
تب تک بچے تین چوتھائی بوتلیں خالی کر چکے تھے پھر انہوں نے اپنی اپنی بوتلیں چپ چاپ دھیرے سے گُڈی کی طرف سرکادیں۔
پیاسی گُڈی مالکن سے نظریں بچا کر باقی مشروب پینے لگی۔
مالکن اپنے دونوں بچّوں کو آتشیں نگاہوں سے گھور رہی تھی۔بچے دانستہ ممی سے بے خبر ہو کر گُڈی کے ساتھ چُہل کرنے لگے۔
٭٭٭


کملیش بھرتیہ
میرے اپنے

اپنا شہر اور گھر چھوڑے تقریباً بیس سال سے زیادہ عرصہ گذر چکا تھا۔اس دوران بٹیا سیانی ہو گئی۔لڑکا ڈھونڈنے اور ہاتھ پیلے کرنے کا وقت آ گیا۔ شادی کے کارڈ چھپے، احباب اور رشتہ داروں کو دعوت نامے بھجے گئے،شادی کے شگن شروع ہوئے، آنکھیں دہلیز پر لگی رہیں۔اس امید میں کہ دور دراز کے رشتے دار آئیں گے۔وہ اپنے، جنہوں نے اسے گود میں کھلایا اور جنہیں بیٹی نے توتلی زبان میں پکارا تھا۔پنڈت جی پوجا کی تھالی سجاتے رہے۔میں دہلیز پر ٹکٹکی لگائے رہا۔موبائل پر رشتہ داروں کے پیغامات آنے لگے ’’بالکل شادی والے دن ہی آ سکیں گے۔‘‘پہلے نہ آنے کی مجبوریاں بیان کرتے رہے۔
میں اداس کھڑا تھا۔تب ہی ڈھو ل والے آ گئے،انہوں نے تھاپ دی۔سبھی ہمسائے بھاگے چلے آئے۔پنڈت جی سے کہنے لگے اور کتنی دیر ہے،شروع کرو نہ شگن۔
پنڈت جی نے میری طرف دیکھا۔جیسے پوچھ رہے ہوں کہ کیا سبھی رشتے دار آ گئے؟
میری آنکھیں خوشی سے نم تھیں۔
غریب الوطنی میں یہی تو میرے اپنے ہیں۔میں نے پنڈت جی سے کہا،شگن شروع کیجیے،میرے سب اپنے آ گئے۔
٭٭٭



قیصر ضیا قیصر

تھکا ہوا نمازی
’اللہُ اکبر،اللہُ اکبر‘‘
’’اللہُ اکبر،اللہُ اکبر‘‘
مغرب کی اذاں،دادی جان مسلیٰ لے کر کمرے میں چلی گئیں۔امّی وضو کے لیے غسل خانے کی طرف جانے لگیں اور آپا نے دوپٹّہ سر پر رکھ لیا،لیکن منّا ان سب سے غافل بوڑھے نوکر بابو میاں کو دیکھتا رہا۔جس کے دونوں ہاتھ پاپا کے دم کٹے کتّے کے چاٹے ہوئے برتن کو تیزی سے مانجھنے میں مصروف تھے۔ آج امّی نے بے چارے کو کیسی ڈانٹ پلائی،اسے ذلیل کہا، کمینہ کہا،حرام زادہ کہا،صرف اس لیے کہ وہ پاپا کے دم کٹے کتّے کو دودھ دیے بغیر عصر کی نماز پڑھنے مسجد چلا گیا تھا۔
’’اللہُ اکبر،اللہُ اکبر‘‘
’’لا الٰہ الا اللہ ‘‘جماعت ختم ہو گئی
منّا حیران تھا کہ آج اس کے بوڑھے نوکر بابو میاں نے اذان کی آواز کو اَن سنا کیسے کر دیا !اذان کے احترام میں کام چھوڑ کر کچھ دیر ساکت نہیں ہوا تھا اور نہ ہی معمول کے مطابق اذان کے خاتمے پر دعا مانگی تھی۔منّا سے رہا نہ گیا۔
’’بابو میاں اذان ہو گئی۔‘‘
بابو میاں خاموش رہا۔
’’بابو میاں آج تم نے دعا نہ مانگی؟‘‘
بابو میاں خاموش رہا۔
’’بابو میاں نماز نہ پڑھو گے کیا؟؟‘‘
بابو میاں خاموش رہا۔
’’بابو میاں !تم نہ کہتے تھے کہ نماز نہ پڑھنے والے کو اللہ کے دربار میں جواب دینا ہوتا ہے۔‘‘
بابو میاں خاموش رہا۔
’’بابو میاں تم کیا جواب دو گے،اللہ کے دربار میں؟‘‘
بابو میاں کی پیشانی پر بل پڑ گئے،  بھنویں ایک دوسرے سے مل گئیں،چہرا سرخ ہو گیا اور آنکھیں چھلک پڑیں۔
’’کہہ دوں گا ۔۔۔ زندگی کاٹ کر چلا آیا، غنیمت ہے۔‘‘
٭٭٭


گیان پرکاش ویویک
جیب کترا

بس سے اتر کر جیب میں ہاتھ ڈالا۔میں چونک پڑا!جیب کٹ چکی تھی۔جیب میں تھا بھی کیا؟کُل نو روپے اور ایک خط۔جو میں نے ماں کو لکھا تھا۔
’’میری نوکری چھوٹ گئی ہے،ابھی پیسے نہیں بھیج پاؤں گا۔‘‘تین دنوں سے وہ پوسٹ کارڈ جیب میں پڑا تھا،پوسٹ کرنے کی طبیعت نہیں ہو رہی تھی۔نو روپے جا چکے تھے،یوں، نو روپے کوئی بڑی رقم نہیں تھی۔۔۔ لیکن جس کی نوکری چھوٹ گئی ہو،اس کے لیے نو سو سے کم بھی تو نہیں ہوتی ہے۔
کچھ دن گذرے۔۔۔ ماں کا خط ملا،پڑھنے سے پہلے میں سہم گیا۔ضرور، پیسے بھیجنے کو لکھا ہو گا۔لیکن خط پڑھ کر میں حیران رہ گیا!
ماں نے لکھا تھا۔’’بیٹا،تیرا بھیجا پچاس روپے کا منی آرڈر ملا۔تو کتنا اچھا ہے رے۔۔۔ پیسے بھیجنے میں ذرا کوتاہی نہیں کرتا۔‘‘
میں کافی دنوں تک اس اُدھیڑ بُن میں رہا کہ آخر ماں کو پیسے کس نے بھیجے؟
کچھ دنوں بعد ایک اور خط ملا۔آڑی ترچھی لکھاوٹ۔بڑی مشکل سے پڑھ سکا۔
’’بھائی! نو روپے تمہارے اورانتالیس روپے اپنے ملا کر،میں نے تمہاری ماں کو منی آرڈر بھیج دیا ہے۔فکر نہ کرنا۔۔۔ ماں تو سب کی ایک جیسی ہوتی ہے نہ! وہ کیوں بھوکی رہے؟
۔۔ ۔۔۔ تمہارا
’’جیب کترا۔‘‘
٭٭٭

												
	
گیانیندر  مشر

سب سے بڑا مجرم


بیتال نے وکرم سے کہا،’ہے راجن!کسی وقت رُڑکی شہر کے شانتی نگر کالونی میں ایک دانشور رہتا تھا۔ گلابی ٹھنڈک کی ابتدا ہو چکی تھی،اور جیسا کہ دانشوروں کے لیے ضروری ہو جاتا ہے۔ وہ لان میں رنگ برنگی گل داؤدی کے بیچ،چائے کی پیالی کے ساتھ اخبار پڑھ رہا تھا۔
اچانک، ایک خبر پر اس کی نظر پڑی۔ایک لڑکی کسی لڑ کے سے پیار کرتی تھی، اور وہ اس کے ساتھ بھاگ گئی۔پولس لڑکی کو پکڑ کر اس کے ماں باپ کے حوالے کر گئی۔لڑ کی کے تاؤ اور برادری کی پنچایت نے فیصلہ لیا کہ لڑکی کا خمار اُتارنا ہو گا اور رات بھر ایک کمرے میں پانچ مسٹنڈے اس کا خمار اُتارتے رہے۔ صبح،لڑکی کو ہسپتال میں داخل کروانا پڑا۔
خبر اتنی ہی نہیں تھی۔پورا بیان تھا،مسٹنڈے چننے سے لے کر خمار اُتارنے تک کا۔دانشور نے آنکھیں بند کر لیں۔اسے محسوس ہوا کہ چائے تھوڑی میٹھی بن گئی ہے۔واقعے کو پوری طرح ویزیو لائز کرنے کے لیے اسے کوئی انّیس سال کی لڑکی چاہیے،جس کے ساتھ وہ پورے واقعے کو دیکھ سکے۔
اس نے آنکھیں کھولیں۔اس کی لڑکی لان میں کھڑی کھلتے ہوئے گلاب کو دیکھ رہی تھی۔لیکن، اپنی بیٹی کو پانچ مسٹنڈوں کے ساتھ۔۔۔ ؟اسے منظر اچھا نہیں لگا۔اس نے چاروں طرف پھر نگاہیں دوڑائیں ۔۔۔ پڑوسی کی بٹیا اسے ٹھیک سی لگی۔اس نے آنکھیں بند کر لیں۔۔۔ اور اپنے ماڈل پر پورے سیچوئشن کو ویزیو لائز کر نے لگا۔
اتنا کہہ کر بیتال چپ ہو گیا لیکن پھر، وکرم سے بولا۔’’ہے راجن!وہ لڑکی ہسپتال میں پڑی موت سے لڑ رہی ہے اور اس کا محبوب اس کی خدمت کر رہا ہے۔لیکن اس کا اصل ذمہ دار کون ہے؟اور سب سے بڑی بات یہ کہ سب سے بڑا مجرم کون ہے؟تاؤ،گاؤں کی پنچایت،مسٹنڈے یا پھر وہ محبوب؟سب سے بڑا جرم کس کا ہے؟‘‘
وکرم نے جواب دیا۔’’ہے بیتال!ان میں سے کوئی بھی سب سے بڑا مجرم نہیں ہے،تاؤ،گاؤں کی پنچایت یا مسٹنڈے یا اس کا محبوب،سب کے ساتھ کوئی نہ کوئی ایسی مجبوری ہوسکتی ہے،جس کے سبب وہ خود کو صحیح سمجھتے ہوں۔ سب سے بڑا مجرم ہے وہ دانشور ہے جو ایسی رونگٹے کھڑے کر دینے والی خبر کو پڑھ کر کچھ نہیں بولتا اور اسے صرف ایک چٹخارے دار خبر کے بطور پڑھ کر،  بیٹھا چائے پیتا رہتا ہے۔‘‘
٭٭٭


گھن شیام ا گر و ا ل
ایک اور تاج محل

’’تم ہر بار محبّت کی باتیں تو کرتے ہو،لیکن میرے لیے آج تک کچھ نہیں لائے۔‘‘سبکتی،اپنی پھٹی اوڑھنی سے آنسو پونچھتی ممتاز نے شکایت کی۔
’’کیا کروں پچھلے تین سال سے سوکھا پڑا ہے۔حالت بالکل خستہ ہے۔لیکن تو فکر نہ کر ممتاز!اس بار اگر بارش ہوئی نہ تو میں وعدہ کرتا ہوں کہ تیرے لیے گیہوں کے دانوں کا ایک خوبصورت سا ہار بنوا دوں گا۔اور ہاں،تیری انگوٹھی میں بھی چنا جڑوا دوں گا۔۔۔ اب تو تُو خوش ہے نا۔۔۔ !‘‘شاہجہاں نے ممتاز کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے سمجھایا۔
اور ممتاز کھلکھلاتے ہوئے شاہجہاں کی بانہوں میں سما گئی۔
آسمان میں بادل گھر آئے۔ایک نئے تاج کی تعمیر کے لیے،خوب سنگ مرمر کے ٹکڑے برسے۔
٭٭٭


منگلا رامچندرن
ورقِ پارینہ

بارش کے بعد بکسے،الماری کے کپڑوں اور دوسری چیزوں کو دھوپ دکھانا ضروری ہو گیا تھا۔ایک دیوار تو اتنی تر ہو گئی تھی کے پانی دیوار سے اتر کر فرش پر پھیل رہا تھا۔اس دیوار سے لگے ایک بڑے سے سوٹ کیس کو وہاں سے ہٹانا ضروری تھا۔کسی طرح کھینچ کرسوکھی جگہ پر لے آئی،اور کھول کر اندازہ کر رہی تھی کہ اس سوٹ کیس کے اندر تصویروں کے کئی البم رکھے تھے،جنہیں دیکھ کر،  جی دھک سا رہ گیا۔اوہ،  ان میں کتنی یادیں بند ہیں!سب صحیح سلامت ہوں۔۔۔ ، دل میں کئی طوفان دبائے ایک کے بعد ایک البم نکال رہی تھی۔
ا پنے اسکول کے دنوں کا ایک البم ہاتھ آیا۔کچھ نم سا،پرانا ہونے کے سبب، کاغذ کا بھُر بھُرا پن ہاتھوں میں عجیب سا احساس پیدا کر رہا تھا۔صفحات پلٹتے ہوئے نظر گڑ کر رہ گئی۔
اس صفحے پر دو تصویریں تھیں،ایک میں چھوٹی سی ایک لڑکی فراک پر دو پٹّے کوساڑی کی طرح لپیٹے ہوئے اوردوسرے میں بالکل ایک نئی نویلی بہو کی شکل میں۔وہ بہو میں ہی تھی،’’کابلی والا‘‘ کہانی کی بنیاد پر اسٹیج کیے گئے ڈرامے کی ’مینی‘ جو تب بڑی ہو جاتی ہے اور سسرال جانے والی ہے۔ڈرامے کے ابتدا میں ننّھی مینی، کابلی والا اور اس کے جھولے سے ڈرتی تھی،اور چھپ جایا کرتی تھی۔لیکن دھیرے دھیرے اس قد آور پٹھان کی داڑھی مونچھوں میں چھپی اجلی مسکان اور بے لوث آنکھیں مینی کو اس سے ایک شفقت بھرے پاکیزہ جذبے کے سا تھ باندھ دیتی ہیں۔
’کابلی والا ‘ کا یہ پیار میرے دل سے قریب تھا۔اسٹیج پر میری موجودگی صرف پانچ منٹ کی تھی لیکن ریہرسل کے دوران بھی اس لمبے چوڑے افغانی کا اپنے ملک افغانستان میں چھوڑ آئے اپنی بیٹی کو یاد کر، رونا دیکھ کر دل میں ٹیس اٹھتی تھی۔اس سال گرو دیو  رابندر ناتھ ٹیگور کا کابلی والا کچھ زیادہ ہی تذکرے میں تھا۔پورے اسکول میں اس ناٹک کو لے کرتجسس اور دلچسپی چاروں طرف تھی۔ سبھی کرداروں کی ادا کاریاں اتنی زندہ تھیں کہ گرو دیو کی کہانی اسٹیج پر زندہ ہو اٹھی۔
ایک لمبا، ہٹّا کٹّا پٹھان سرحد پار سے اپنے ملک کی مصنوعات ہندوستان میں بیچنے آتا ہے تاکہ اپنی بیٹی کی شادی کے لیے کچھ پیسے جمع کر سکے۔
ہندوستان آ کر اپنی بیٹی جیسی مینی کے ساتھ بہت ہی نازک جذباتی رشتے میں بندھ جاتا ہے۔ کہیں سے بھی اس کا سلوک اس کی ظاہری ساخت سے میل نہیں کھاتی۔اس سے ایک قتل ہو جاتا ہے اور اسے جیل کی سزا بھی کاٹنی ہوتی ہے۔جیل سے چھوٹ کر وہ مینی سے ملنے آتا ہے۔وہاں ننھی مینی کو وہ ایک جوان بہو کی شکل میں دیکھ کر اپنے ملک میں چھوڑ آئی اپنی بیٹی کے جوان ہونے کا احساس ایک جھٹکے کی طرح،محسوس کرتا ہے۔ہچکیاں لے کر اس قد آور پٹھان کا رونا، ناظرین سے برداشت نہیں ہوتا ہے،ان کی آنکھوں کے کنارے نم ہو جاتے ہیں۔
آج البم کی ان دو تصویروں کو دیکھ کر اس ڈرامے کا پورا سین میری آنکھوں کے سامنے زندہ ہو گیا۔میری گود میں البم پڑا ہے،سامنے ٹیبل پر اخبار اور ٹی وی پر بار بار کابل،قندھار کا نام پڑھ، سن کر اور ان سے جڑی پرانی تصویروں کو دیکھ کر ایک ٹیس سی اٹھتی ہے۔اپنے اس پٹھان دوست’کابلی والا‘ کو آنکھیں ڈھونڈتی ہیں۔جنگ میں مصروف آج کا افغانستان کہیں سے بھی اس افغانستان سے میل نہیں رکھتا ہے۔بارش نے البم کا اتنا نقصان نہیں کیا لیکن جنگ نے ضرور کر دیا ہے۔
سنجیدہ اور بڑے بڑے مسائل پر سوچنے،سمجھنے لکھنے اور بولنے والے دانشور اسے نہیں محسوس کر سکتے ہیں لیکن مجھ جیسی ایک عام انسان تو یہی تلاش کر رہی ہے کہ گھنی داڑھی مونچھوں میں،پٹھانی سوٹ پہنے اس بھیڑ میں میرا وہ ’کابلی والا‘ کہاں ہے؟کیا وہ اب پھر ملے گا!یا البم کی تصویروں کی طرح صرف یا ماضی کا حصہ رہ جائے گا؟
٭٭٭


مہاویر پرساد جَین
ہاتھ والے

شو شروع ہو نے میں ابھی دیر ہے اور وہ اس طرح کے خالی وقت کا استعمال بہت ہی مناسب کرتا ہے۔۔۔ یعنی فٹ پاتھ پر بکھری کتابوں کی ڈھیروں کو دیکھنا۔۔۔ ٹٹولنا۔
اس کا تجربہ ہے کہ ان فٹ پاتھی ڈھیروں سے بہت سی نادر و نایاب کتابیں ہاتھ لگ جاتی ہیں۔
اس کے قدم اس شناسے دوکان پر رک گئے۔وہ بہت پرانی فٹ پاتھی دوکان ہے،اور اس کے مالک کے دونوں ہاتھ کٹے ہوئے ہیں۔
دوکاندار اسے دیکھ کر ہولے سے مسکرایا اور ایک طرف اشارہ کر دیا۔۔۔ جس کا مطلب کہ اس ڈھیر سے آپ کو کچھ مل جائے گا۔
وہ کتابیں دیکھنے لگا۔اسی وقت بغل میں ایک نوجوان آ کر کھڑا ہو گیا۔اس نے ایک نظر اسے دیکھا۔۔۔ نوجوان بھی کتابیں چھانٹنے میں مصروف ہو گیا۔کچھ دیر بعد اس کی نظر پھر نوجوان پر گئی۔اس نے دیکھا کہ وہ ایک کتاب اپنی بغل میں دبائے،ڈھیر کو الٹ پلٹ رہا تھا۔
دوکاندار دوسرے گاہکوں کو نپٹانے میں مصروف تھا،کہ نوجوان وہاں سے چل دیا۔اس نے دیکھا کہ اس کی بغل میں کتاب دبی ہوئی ہے۔۔بغیر پیسے دیے۔۔۔ یعنی ۔۔۔ ایسے ہی۔۔۔ چوری۔۔۔ !اور اس کے منہ سے نکل گیا ’’وہ تمہاری کتاب لے گیا۔۔۔ بغیر پیسے دیے۔۔۔ ‘‘ اس نے جاتے ہوئے نوجوان کی طرف اشارہ بھی کیا۔
’’مجھے معلوم ہے،بھائی صاحب۔‘‘
’’یار!بڑے احمق ہو!جب معلوم ہے، تو روکا کیوں نہیں؟‘‘
کچھ دیر خاموش رہ کر اس نے جواب دیا۔’’چوری، ہاتھ والے ہی تو کرتے ہیں۔‘‘
٭٭٭


مہندر سنگھ مہلان
قائم سوال

’’غبّارہ لوں گا بابو۔‘‘غبّارے والوں کو دیکھ کر بچہ مچلا۔
’’نہیں بیٹا غبّارہ پھوٹ جائے گا۔‘‘باپ نے کہا۔
آسمان میں پتنگیں اڑ رہی تھیں۔بچے کا دھیان اس طرف گیا تو بولا ’’باپو! پتنگ۔۔۔ ‘‘
’’پتنگ پھٹ جائے گا بیٹے۔باپ نے اسے ٹال دیا۔کھلونے والا گلی میں آیا۔پھر پیسوں کی مانگ ہوئی۔کھلونے ٹوٹ جائیں گے بیٹے۔یوں پیسہ برباد نہیں کرتے۔باپ نے سمجھایا اور بچے کا ہاتھ پکر، اسے بہلانے کے لیے سامنے میدان میں قلعے کی طرف لے لے چلا۔
بچہ جانتا تھا کہ اس کے باپ کے پاس پیسے ہیں۔ہر روز جب محنت مزدوری کر کے لوٹتا ہے تو کچھ نہ کچھ پیسے وہ ضرور بکسے میں ڈالتا ہے۔پھر اس میں سے ایک کوڑی بھی نہیں نکالتا ہے۔نہ خود ہی کچھ کھاتا پہنتا ہے،نہ ہی اس کے کپڑے لتّوں اور کھلونوں پر خرچ کرتا ہے۔آخر کس کام آئیں گے یہ پیسے؟
اتنے سارے پیسے اکٹھے کر کے تم کیا کرو گے؟اس نے پوچھا۔باپ کے تھکے ماندے چہرے پر خوشی کی لہریں ابھریں۔غالباً وہ اسی انتظار میں تھا کہ کبھی بچہ اس سے یہ سوال پوچھے۔
امید اور فخر کے ساتھ اس نے کہا۔بیٹے تیرے دادا،پر دادا نے اپنی ساری عمر ایک جھونپڑے میں گذار دی،میری زندگی کا ایک بڑا حصہ جھونپڑی میں گذر گیا۔پیسے جمع کر کے میں تیرے لیے۔۔۔ اپنے راجہ بیٹا کے لیے ایک خوبصورت سا مکان بنواؤں گا۔ بچے کی نظر پرانے قلعے کی وسیع عمارت کے کھنڈر پر تھی۔ ایک ثانیے کو اس نے سوچا اور بولا۔’’مکان کبھی نہیں ٹوٹے گا باپو؟‘‘
٭٭٭

																									
نِرَنجن بوہا
اپنی مٹّی

بڑے شہر کے سرکاری دفتر میں ایک کلرک سے دوسرے کلرک کی سیٹ تک چکّر کاٹتے،سرپنچ جاگیر سنگھ صبح سے ہی پریشان تھا۔دھنسی سی ناک والا ڈِیلنگ کلرک اس پر ٹوٹ ہی پڑا تھا،’’بابا! تجھ سے کہا نہ کہ دو دن بعد آنا،لیکن تو پیچھا ہی نہیں چھوڑتا۔‘‘
گاؤں میں سردار کہلانے والا سر پنچ اس کے سامنے’ بے چارہ‘ سا بن کر رہ گیا تھا۔بھیڑ بھاڑ والے اس بڑے شہر میں ا جنبی لوگوں کے درمیان گھرے ہوئے، اسے محسوس ہو رہا تھا،جیسے اس کا اپنا کوئی وجود نہ ہو۔
اکثر وہ اپنی پنچایت کے سکریٹری یا کالج میں پڑھ رہے اپنے بیٹے کو ہی سرکاری دفتر کے کام سے بھیجا کرتا تھا،لیکن آج اسے کسی خاص کام کے لیے خود ہی آنا پڑا تھا۔اس شہر کا ہر شخص اسے بھاگ دوڑ میں اس طرح مصروف نظر آ رہا تھا، جیسے کسی کے پاس اس سے بات کرنے کے لیے فرصت ہی نہ ہو۔بھیڑ میں گھرے ہوئے،اپنے آپ کو اکیلا محسوس کرنے کا اتنا شدید احساس اسے پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔اس لیے وہ جلد سے جلد گاؤں پہنچ کر اپنی کھوئی شناخت حاصل کرنا چاہتا تھا۔
’’بس اسٹینڈ سے کس نمبر کی بس جائے گی ؟‘‘اس نے سڑک کنارے کھڑے ایک بابو سے پوچھا۔
’’آگے سے معلوم کرو۔‘‘روکھا سا جواب پا کر،پہلے ہی سے پریشان سرپنچ اب تو بالکل ہی بے چین ہو اٹھا۔آگے جا کر پھر کسی سے پوچھنے کی ہمت نہ رہی۔بس کا انتظار کرنے کے بجائے اس نے رکشے والے کو آواز دی اور بغیر پیسے پوچھے ہی رکشے پر بیٹھ گیا۔اس نے سوچا،جھگڑا کرنے کے بجائے،رکشا والا جتنے پیسے مانگے گا،وہ اسے دے دے گا۔اپنے آپ میں الجھا،اسے پتہ بھی نہ چلا کہ کب بس اسٹینڈ آ گیا۔
’’ہاں بھائی،کتنے پیسے؟‘‘ اس نے اپنا بٹوا کھولتے ہوئے پوچھا۔
’’پیسے رہنے دو سردار جی۔‘‘رکشے والے نے اس کا بیگ اتارتے ہوئے کہا۔ اس پرائے شہر میں اسے اتنے اپنے پن کی تو قطعی امید نہیں تھی۔وہ حیران سا رہ گیا۔اس نے اسی حیرانی میں رکشے والے کی طرف دیکھا۔یہ تو اسی کے گاؤں کا لڑ کا ’پریتو‘ تھا!جو پانچ سال پہلے گھر سے بھاگ گیا تھا۔
’’ارے پریتو،تو؟‘‘سر پنچ نے اسے بانہوں میں بھر لیا۔
پریتو حیران تھا کہ گاؤں میں اتنے روکھے سلوک والا سردار،یہاں اتنا ملائم اور نرم کیسے بن گیا!!
٭٭٭


نیرج نیتھانی
محافظ

’’صاحب ہم نے جنگل میں دو شکاریوں کو بندوق کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ان کے پاس سے شکار کیا گیا ایک ہرن بھی بر آمد ہوا ہے۔اب ہمارے لیے آپ کا کیا حکم ہے؟‘‘ محافظ نے افسر سے پوچھا۔
’’گڈ‘‘ فاریسٹ افسر نے کہا۔’’فی الحال ان دونوں کو فاریسٹ چوکی کے لاک اپ میں ڈال دو، جانوروں کے آئین کی سنگین تعزیرات قائم کر کے ان پر مقدمہ چلے گا اور انہیں سخت سزائیں دلائی جائیں گی۔ ‘‘
’’اور صاحب ! شکار کیے گئے ہرن کا کیا کیا جائے؟‘‘محافظ نے مسکراتے ہوئے پوچھا۔
’’اب یہ بھی میں ہی بتاؤں۔۔۔ ؟‘‘صاحب نے آنکھیں دکھائیں۔
’’ٹھیک سے کاٹ کر کچھ گوشت یہاں پہنچا دو، باقی آپس میں بانٹ لو۔۔ ہاں،  صرف اتنا خیال رکھنا کہ اس کی کھال سنبھال کر اتارنا،وہ خراب نہ ہو۔میں نے پنڈت جی کو پوجا کے لیے ایک خوبصورت ’مِرگ چھالا‘ دینے کا وچن دیا ہوا ہے‘‘
٭٭٭


ویکیش نِجھاون
فرق

’’اے رتنی! آج پھر تو ان بچوں کو ساتھ لے آئی؟دیکھ تو سارا قالین گندہ کر دیا ہے انہوں نے۔سمجھ میں نہیں آتا،تم لوگوں کو تمیز کب آئے گی۔آج کے وقت میں اتنے بچے!! ذرا قابو رکھا کرو اپنے آپ پر۔‘‘
’’بس، رہنے دے بی بی جی‘‘ یکایک رتنی بولی۔’’کسر تو تم نے بھی کوئی نہیں چھوڑی۔بس فرق اتنا ہے کہ میں نے پیدا کر دیے اور تم نے گرا دیے۔‘‘
٭٭٭


وینیش نِجھاون
لا جواب

رادھے کی نا گہانی موت سب کو ہلا گئی۔رادھے کی بہو تو پتھر کی مورت ہو گئی تھی۔جس کے پاس جہنُّم سی زندگی جنّت بن گئی ہو،اس کا بچھڑ جانا توڑ ہی تو ڈالے گا!اور پھر جوان ہوتی تین بیٹیاں،اتنی ساری ذمہ داریوں کا اچانک آن پڑنا کیا چھوٹی بات ہے؟
ابھی تو بوڑھے ماں باپ بیٹھے ہیں، آنکھوں کے سامنے جوان بیٹا چلا جائے تو کیسا لگے!
یہ وقت تو ہمارے جانے کا تھا تو کیوں چلا گیا۔۔ ۔۔۔ ؟
بوڑھی ماں سینہ پیٹ رہی تھی۔
پتہ نہیں بھگوان نے کس جَنَم کا بدلہ لیا ہے ہم سے۔۔۔ بوڑھا باپ آنسو بہا رہا تھا۔
ہر شخص کے ساتھ نیکی کی اس نے۔گاؤں والے حامی بھر رہے تھے۔
’’غریبوں کو کچھ خیر خیرات کروا دیتی بیٹی‘‘ تیرہویں پر بوڑھے ماں باپ نے کہا۔
’’کیوں؟‘‘بہو نے سوال رکھ دیا۔
خیر،خیرات میں اسے یقین تھا بیٹی۔
’’جب یقین والا ہی چلا گیا تو۔۔۔ پھر یقین ؟کس بات کا!ابھی تین تین کا انتظام کرنا ہے،مجھ اکیلی کو۔‘‘
’’کیسی بات کرتی ہے،بہو!وہ ہمارا بیٹا تھا!‘‘
’’وہ میرے بھی تو شوہر تھے؟؟‘‘
٭٭٭


ہربھجنا سنگھ کھیم کرنی
وردی

حویلی کے سامنے بیٹھا سر پنچ اپنے حمایتیوں کے ساتھ معاملات نپٹانے کے متعلق صلاح مشورہ کر رہا تھا۔ان کے پاس ہی فوج سے چھٹّی پر آیاسر پنچ کا بیٹا وردی کسے ہوئے اپنے دوستوں کے درمیان بیٹھا فوجی قصے چٹخارے کے ساتھ سنا رہا تھا۔تبھی گاؤں لوٹا صوبیدار نشان سنگھ آنگن میں جانے کے لیے حویلی کے سامنے سے گذرا۔اسے دیکھتے ہی سرپنچ کے بیٹے نے اٹھ کر زوردار سلیوٹ مارا۔سلیوٹ کا جواب دے کر جب صوبیدار آگے بڑھ گیا تو پیچھے سے کسی نے لفظوں کے تیر چھوڑے،’’آزادی تو انہیں ملی ہے۔دیکھا! صوبیدار کا رعب،سرپنچ کا بیٹا بھی سلیوٹ مارتا ہے۔‘‘
’’بھاؤ جی آدمی کو کون پوچھتا ہے،یہ تو کندھے پر لگے فیتوں کی عزت ہے۔‘‘
’’کوئی بات نہیں،صوبیدار کو پیغام بھیج دیتے ہیں کہ اب سے وہ گاؤں،  وردی پہن کر نہ آیا کرے۔‘‘ سرپنچ نے خلا میں گھورتے ہوئے کہا۔
٭٭٭


ہری شنکر پرسائی 
اپنا پرایا

’’آپ کس اسکول میں مدرس ہیں؟‘‘
’’میں مدرسہ فلاحِ ملت میں ہوں۔‘‘
’’کیوں؟ کچھ کام ہے کیا؟۔‘‘
’’میرے لڑکے کو اسکول میں داخلہ دلوانا ہے۔‘‘
’’تو،ہمارے مدرسہ میں دلوا دیں۔‘‘
’’پڑھائی وڑھائی کیسی ہے۔؟‘‘
’’نمبر وَن،بہت اچھے مدرسین ہیں۔بہت اچھا ماحول ہے،بہت اچھا مدرسہ ہے۔‘‘
’’آپ کا بچّہ بھی وہیں پڑھتا ہو گا!‘‘
’’نہیں،میرا اچھا بچّہ تو آدرش اسکول میں پڑھتا ہے۔!!‘‘
٭٭٭


ہری مِردُل
ماں کے آنسو

یہ اس کی، اپنی ماں سے آخری ملاقات تھی۔حالاں کہ تب اسے اس بات کا علم نہیں تھا۔وہ شہر کو لَوٹتے ہوئے ماں سے وداع لے رہا تھا،تو ماں پھوٹ پھوٹ کر روپڑی تھی۔ وہ مسلسل روئے جا رہی تھی۔اسے حیرت ہوئی کہ ماں اتنا تو کبھی نہیں روئی۔وہ کچھ بھی سمجھ نہ سکا۔
ہاں،اس نے یہ ضرور کیا کہ جیب سے رومال نکال کر،ماں کے آنسو پونچھنے لگا۔پورا رومال آنسوؤں سے تر ہو گیا۔اور وہ اب بھی روئے جا رہی تھی۔
نوکری کا سوال تھا۔اسے کسی بھی حال میں شہر لَوٹنا تھا۔ماں کے آنسو اسے نہیں روک سکے۔البتّہ اس نے ماں کے آنسوؤں سے بھیگا رومال جیب میں ڈال لیا تھا۔
شہر پہنچتے ہی ماں کے چل بسنے کی خبر آ پہنچی اس نے جیب سے رومال نکالا،وہ ابھی تک گیلا تھا۔نہ جانے کیوں اس نے رومال الماری میں بہ حفاظت رکھ دیا۔
آج کافی عرصہ بعد اس سے میری ملاقات ہوئی ہے۔بات چیت کے دوران اس نے بتایا کہ ماں کے آنسوؤں سے بھیگا رومال،ابھی تک اتنا ہی گیلا ہے۔
کوئی اور ہوتا تو اسے اس بات سے حیرت ضرور ہوتی،لیکن مجھے نہیں ہوا۔
٭٭٭


ہیرا لال ناگر
بَونا آدمی

آخر آخر فیصلہ ہوا کہ اس بار بھی ماں ہمارے ساتھ نہیں جائے گی بیوی بچّوں کو لے کر اسٹیشن پہنچا۔ ٹرین آئی اور ہم اپنی منزل کی طرف چل پڑے۔ٹھیک
سے بیٹھ بھی نہیں پائے ہوں گے کہ شور کو چیرتا، فلمی نغمے کا مُکھڑا ’’ہم بنے۔۔۔  تم بنے ۔۔۔ اک دوجے کے لیے۔۔۔ ‘‘گونج اٹھا۔ انگلیوں میں پھنسے پتھر کے دو ٹکڑوں کی’ ٹِک۔۔ ٹِک۔۔ ٹِکر۔۔ ٹِکر۔۔ ٹِک۔۔ ٹِک‘ کی آواز نے جادو کا سا اثر کیا۔لوگ آپس میں د ھنس، پھنس کر خاموش بیٹھ رہے۔
گانا ختم ہوا اور لوگ ’’واہ۔۔ !واہ۔۔ !‘‘کر اٹھے۔ اسی کے ساتھ لڑکے گلوکار نے مسافروں کے سامنے اپنا داہنا ہاتھ پھیلا دیا۔’’بابو جی !دس پیسے‘‘میرے سامنے پانچ چھ سال کا دبلا پتلا سا لڑکا ہاتھ پسارے کھڑا تھا۔
’’کیا نام ہے تیرا؟‘‘ میں نے پوچھا۔
’’راجو۔‘‘
’’کس ذات کے ہو؟‘‘لڑکے سے جواب نہیں بنا۔میں نے لڑکے سے اگلا سوال کیا ’’باپ بھی مانگتا ہو گا؟‘‘
’’باپ نہیں ہے۔‘‘
’’ماں ہے!‘‘
’’ہاں، ہے۔کیوں؟‘‘لڑکے نے میری طرف تیز نگاہوں سے دیکھا۔
’’کیا کرتی ہے تیری ماں؟‘‘
’’دیکھو صاحب،الٹی سیدھی بات مت پوچھو،دینا ہے تو دو۔۔۔ ‘‘
’’کیا؟‘‘
’’دس پیسے۔‘‘
’’جب تک تم یہ نہیں بتاؤ گے کہ تمہاری ماں کیا کرتی ہے،میں ایک پیسہ نہیں دوں گا۔‘‘میں نے لڑکے سے اگلوانے کی کوشش کی۔
’’ارے بابا کچھ نہیں کرتی، مجھے کھانا بنا کر کھلاتی ہے اور کیا کرتی ہے!‘‘
’’تم بھیک مانگتے ہو اور ماں کچھ نہیں کرتی؟بھیک مانگ کر تم کھلاتے ہو اسے؟؟‘‘
ماں کو اس کا بیٹا کما کر نہیں کھلائے تو کون کھلائے گا؟‘‘لڑکے نے کڑوا سا جواب دیا۔میرے چہرے کا رنگ بدل گیا،جیسے میں اس کے سامنے بَونا ہو گیا ہوں۔
٭٭٭


یوگل
تبدیلیِ اسم

’’امّاں !‘‘
’’کیا ہے رے؟‘‘
’’کام چاہئے ا مّاں !‘‘
’’اتنا چھوٹا لڑکا۔۔۔ !کیا کرے گا تو؟‘‘
’’جھاڑو،پونچھا،بازار سے سودا لاؤں گا،آپ کے پیر دباؤں گا ا مّاں۔‘‘
’’قانون والا بولتا ہے،  بچوں سے کام لینا جرم ہے۔‘‘
’’میرا دادا اندھا ہے،ماں بیمار ہے،ا مّاں۔‘‘
’’اور باپ؟‘‘
’’ کمانے گیا ہے۔بہت دن ہوئے، نہیں لوٹا۔‘‘
’’کوئی اور جگہ دیکھ، بٹّو! میرے یہاں کام نہیں ہے۔‘‘
’’ا مّاں سب بڑا لوگ یہی بولتا۔گھر والا بھوکا تو نہیں مرے گا نہ۔‘‘
لڑکے کی آنکھیں ڈبڈبا آئیں۔اس کی ڈبڈبائی آنکھیں سبیتا کو مجبور کریں، اس سے پہلے ہی وہ اندر چلی گئیں۔ کوئی پانچ سات یا دس منٹ بعد جب پھر وہ باہر نکلیں،تو لڑکا برامدے کی سیڑھی پر گھٹنے میں سر دیے سسک رہا تھا۔لمحے بھر کو وہ کھڑی رہیں،پھر پوچھا۔’’تو گیا نہیں۔۔ ر ے؟‘‘
لڑکے نے سر اوپر کیا۔گال آنسوؤں سے تر تھے۔شرٹ اٹُنگی اور میلی تھی۔ لڑکے کے منہ سے آواز نکلی ’’کہاں جاؤں ا مّاں۔۔۔ ؟‘‘وہ اٹھ کر کھڑا ہو گیا۔ سبیتا شرما کو ایک ٹک دیکھتا رہا۔پھر بولا۔’’امّاں آپ کے جاننے والوں میں کوئی ہے۔۔۔ ؟جہاں میرے کو کام مل جائے!‘‘سبیتا کو تھوڑی ہمدردی ہوئی ’’کیا نام ہے تیرا؟‘‘
’’نور اللہ‘‘
’’تو کٹوا ہے! مسلمنٹا!!
نور اللہ کچھ بھی سمجھے بغیر،سبیتا دیوی کو دیکھتا رہا۔آنکھیں بالکل معصوم تھیں۔سبیتا دیوی کے جس من میں آیا تھا کہ لڑکا ضرورت مند ہے،رکھ لیتے ہیں،وہی من اٹک گیا۔دھرم ۔۔۔ ذات۔۔۔ ناحق۔انہوں نے یوں ہی پوچھ لیا۔
’’تیرا ختنہ ہو گیا ہے؟‘‘
’’ختنہ کیا؟‘‘
ارے وہی جو بچپن میں مسلمانوں کی چھچھڑی کاٹی جاتی ہے‘‘ کہتے کہتے سبیتا دیوی ہنس پڑیں۔
لڑکا برامدے کے اوپر چڑھ گیا اور نہایت معصومیت سے اس نے اپنا نیکر نیچے کھینچ لیا۔جانگھ تک۔
سبیتا دیوی ’’ارے۔۔ رے یہ کیا کر رہا ہے!بدمعاش‘‘ کہتی ہوئی ہنسنے لگیں ’’شرم نہیں آتی؟اوپر کر نیکر۔‘‘
ا مّاں آپ کے سامنے شرم کیسی؟‘‘
سبیتا دیوی کا ذہن ذات،دھرم کئی طرح کے وسوسوں میں الجھ کر رہ گیا۔ لڑکے کا کوئی ٹھیک اتہ پتہ نہیں،لیکن بہت غریب اور بے سہارا ہے،رکھیں یا نہیں۔ لڑکے نے اپنے دادا کا،باپ کا، محلے کا پتہ بتلایا۔
سبیتا دیوی نے بے پرواہی سے سوچا،پتہ لگا لیا جائے گا۔بولیں۔’’اندر آ جا۔ کوئی پوچھے تو بتا ناکہ تیرا نا م’ نیرو لال‘ ہے۔کیا بتلائے گا؟‘‘
’’لڑکے کے ہونٹوں پے ایک مسکان کھلی ’’نیرو لال۔‘‘
٭٭٭


ماخذ:
http://wwwkasautijadeedcom/cms/elibrary/mbk/
تدوین اور ای بک کی تشکیل" اعجاز عبید
