﻿


  مجھے مت اس طرح دیکھو


شہناز نبی

جمع و ترتیب: اعجاز عبید










گھوڑے کی پیٹھ، تم اور میں




بھری سبھا میں انتظار رہے گا تمھارا
مجھے یقین ہے تم آؤ گے
ہزاروں شاطر نگاہوں
پر پیچ گھاتوں کے درمیان
صاف نکل جائیں گے ہم
چاند ہمارے کانوں میں سرگوشیاں کرے گا
ہوائیں آنچل میں گرہیں ڈالیں گی
جانتی ہوں
اک پیاسا اگنی کنڈ میرا منتظر ہے
اور پدمنی شعلوں کو سیراب کرے گی
لیکن بس ایک بار
گھوڑے کی پیٹھ پر
پرتھوی راج اور میں
٭٭٭




اوندھے منھ گرنے سے پہلے


کب تک یوں ہی برستا رہے گا چابک
میری تھکی ہوئی پیٹھ پر
سرپٹ بھاگتے بھاگتے
میری سانسیں اکھڑ چکی ہیں
آنکھیں حلقوں سے باہر
میرے ساتھ پہلا قدم مارنے والے
جانے کہاں تھم گئے ہیں
اور تیز،اور تیز، کی صدا
خون کی روانی میں لاوے انڈیل رہی ہے
میں ہر ضرب کو مات دے کر
اپنی کسر کی پروا نہ کرتے ہوئے
شاید اک دم سے رک جاؤں
تماشا دیکھوں
اپنے پرزوں کے اڑنے کا
لیکن ان کا کیا ہوگا
جنھوں نے مجھ پر داؤ لگا رکھے ہیں
٭٭٭





مجھے مت اس طرح دیکھو


مجھے مت اس طرح دیکھو
کہ جیسے کوئی دیمک سے اٹی لکڑی کو تکتا ہے
کسی سنسان کمرے کے در و دیوار پر لکھی ہوئی تنہائی
پڑھتا ہے
کھنڈر سے تار عنکبوت کا رشتہ سمجھنے کے لئے
خود سے الجھتا ہے
مجھے مت اس طرح روؤ
اچانک موت پر جس طرح روتے ہیں عزیزوں کو
فلک پر ٹوٹے تاروں کو جیسے چاند روتا ہے
سمندر خالی سیپی کے لئے جیسے تڑپتا ہے

وہ رستے
جو کہ کترا کر نکل جاتے ہیں منزل سے
وہ صحرا جن کی وسعت پر گلستاں ناز کرتا ہے
وہ سپنے جو کہ شرمندہ نہ ہوں تعبیر کے ہاتھوں
انھیں رویا نہیں کرتے
٭٭٭



اپدیش

سنو اے بائیس کروڑ بیوقوفو
یہ ہمارا جزیرہ نما ہے
ہم نے سمندروں سے ناویں
اور دروں سے مویشی
ا س لئے نہیں گذارے
کہ تم اناجوں کے ڈھیر میں
گھن کی صورت
ہما حصہ چپ چاپ نگلتے رہو
اور ہمیں پتہ بھی نہ چلے
ہمیں معلوم ہے
تمھاری تلواریں زنگ آلود ہو چکی ہیں
گھوڑے بیمار
حرم سراؤں کی قرقی سے پہلے
تم نے جن نقابوں کو بہ حفاظت سمیٹ لیا تھا
وہ اب بھی کہیں کہیں لہراتے ہیں
اور تمھاری جھوٹی حمیت کا پردہ فاش کرتے ہیں
ننھی فاختاؤں کو بوڑھے عقابوں کے ہاتھ بیچنے والے
اونٹ کی پیٹھ پر چیختے ہوئے میمنے
تمھیں یاد آتے ہیں کہ نہیں
تمھارے پیٹ کی مکروہ آگ
جلتے ہوئے صحراؤں کی تپش کو شرمندہ کئے
دیتی ہے
تم نے ہمارے دھاگے چرا کر
اپنے موتی پرو لئے
ہمارے دیوتاؤں کو گھر بدر کر دیا

تمھاری غلام گردشوں میں پوشیدہ چراغوں نے
ہمارے راج محلوں کو پھونک ڈالا
پرکھوں کی جائداد کا بٹوارہ بھی
تمھاری حرص و ہوس کو سیراب نہ کر سکا
ہمارے حصوں کے مزید حصے کرنے سے پہلے
ہم نے اب ساری نوآبادیات پر کڑے پہرے
لگا دئیے ہیں
جہاں نوجوانوں کو جغرافیہ
اور بچوں کو تاریخ کی تعلیم نہیں دی جاتی
جہاں مائیں خواب دیکھنے
اور بہنیں حوصلے بڑھانے لگتی ہیں
اپنے کمپاس کی سوئی درست کر لو
٭٭٭





تم، میں اور وہ


میں وہ ساری جگہیں دیکھنا چاہتی ہوں
جنھیں تمھاری موجودگی نے مرتعش کر دیا
میں ان تمام راستوں سے گذرنا چاہتی ہوں
جن پر تمھارے قدموں نے منزلیں تراشیں
میں ان ہواؤں کو پینا چاہتی ہوں
جنھیں تمھاری خوشبو نے سیراب کیا
میں وہ ساری کتابیں پڑھنا چاہتی ہوں
جن کے حروف تمھارے مطالعے سے روشن ہیں
میں ان سار ی چیزوں کو چھونا چاہتی ہوں
جنھیں تمھارے لمس نے جاوداں کر دیا
میں تمھیں بالواسطہ یا بلا واسطہ
ایک لمحے کو بھی پا سکوں
تو صدیاں اسے دان کر دوں
جس نے میرے اور تمھارے درمیان
یہ فاصلے رکھے ہیں
٭٭٭




بھول


جس نے مجھے لوہے کے جوتے پہنائے
وہ سر کی گرفت کرنا بھول گیا
مجھے اس کا غم نہیں کہ آلات حرب کے بغیر
لڑنا تھا ہر پل
وار بچانا پڑا ڈھال نہ ہوتے ہوئے بھی
بیک وقت پیادہ اور سوار
زمیں سخت تھی
گھوڑا منھ زور
مگر میدان مارنے کا جنون
قلعے پر کارزار کی فوقیت کا قائل تھا
زمیں لہو سے گندھ کر نرم ہو گئی
مرکب وقت بے بس
جب تک فتح کا پرچم لہرائے گا
تب تک نئی جوتیاں تلاش کر لی جائیں گی
لیکن سر کو قید نہ کرنے کی بھول ہوتی رہے گی
٭٭٭




معصوم بھیڑیں


اک چراگاہ
سو چراگاہیں
کون ان ریوڑوں سے گھبرائے
پڑ گئیں کم زمینیں اپنی تو
کچھ سفر کچھ حضر کا شغل رہے
کچھ نئی بستیوں سے ربط بڑھے
ان کو آزاد کون کرتا ہے
یہ بہت مطمئن ہیں تھوڑے میں
اک ذرا سا گھما پھرا لاؤ
کچھ ادھر کچھ اُدھر چرا لاؤ
بھیڑیں معصوم
بے ضرر سی ہیں
جس طرف ہانک دو
چلی جائیں
٭٭٭




بھوک

 
ایک کھاؤں
دو کھاؤں
یا تین کھاؤں
سننے والے شیخ چلی کی یہ بات ہنسی میں ٹال گئے
تاہم اس نے دجلہ و فرات کا پانی پیا
اور عباسیوں کے اگائے ہوئے اناج سے بنی روٹی کھائی
ایک ایک لقمہ حلق سے اتارتے ہوئے
دوسری روٹی پر جھپٹا
ایک کھاؤں
دو کھاؤں
یا تین کھاؤں
ساری دنیا چوکنی تھی مگر خاموش
چند بلیاں غرائیں
تو ان کے سامنے چند ٹکڑے گرا دئیے گئے
امن عالم کی بقاء کے لیے
شیخ چلی کی نگاہ اب تیسری روٹی پر ہے
اس کا اناج کہاں سے آیا
کن دریاؤں نے اسے گوندھا
آنچ کس چولہے کی لگتی ہے
توا کس لوہے کا بنا ہے
شیخ چلی کی بھوک اب بڑھتی ہی جا رہی ہے
سننے والے اس کی بات اب ہنسی میں نہیں ٹالتے
بلکہ سہم جاتے ہیں اور سوچتے ہیں
وہ چوتھی روٹی کونسی ہے
جو شیخ چلی کا لقمہ بنے گی
٭٭٭



٭٭٭
ماخذ:
http://esbaatpublications.com/esbaatmag/2011/08/shahnaz-nabi-ki-nazmein/2/
اور دوسری ویب سائٹس سے
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
