﻿


مرشد


کتاب ’عام آدمی کا خواب‘ سے کچھ منتخب افسانے

رشید امجد

احوال واقعی

یہ رشید امجد کی کتاب ’عام آدمی کے خواب‘ کا ایک حصہ ہے، جس میں مرشد سے تعلق رکھنے والی کہانیاں یکجا کر دی گئی ہیں۔
ا۔ ع۔



نارسائی کی مٹھیوں میں 


گھنے سیاہ درختوں کی ریشمی ملائم چھاؤں میں 
تپسیا کے کھردرے، نکیلے پتھروں پر 
اس کو جاننے، پانے کی جستجو میں 
ہم اپنی سوکھی انتڑیوں کو 
اپنی ننگی ہڈیوں پر لپیٹتے ہیں 
سبز مخملی پتوں کے کومل چہروں کو تھپتھپاتی ٹھنڈی ہوا 
پتھروں کے ننگے سینوں پہ جھاگ کے پیالے بناتا، بے لگام دریا 
ستونوں ، دیواروں اور چہروں پر 
اپنے نام کے نقش بناتا مٹاتا زمانہ 
تینوں مل کر عصروں ، خیالوں اور نسلوں کو 
کھنڈروں کے بے رنگ تابوتوں میں دفن کر رہے ہیں 
کہ ہوا، دریا اور زمانہ تینوں گورکن ہیں 
اور ہم جو سانسوں کے پتواروں سے 
اس بے کنار، بے گنت سمندر میں 
اپنے وجود کی کشتیاں کَھے رہے ہیں 
مدتوں سے 
ہے اور نہیں کی بھول بھلیوں میں الجھے ہوئے ہیں 
اپنے ہونے کے احساس کا کڑوا پھل کھا رہے ہیں 
ہم 
جو گھنے سیاہ درختوں کی ریشمی ملائم چھاؤں میں 
سبز مخملی گھاس پر 
خود کو جاننے، پانے کی آرزو میں 
اپنی سوکھی انتڑیوں کو 
اپنی ننگی ہڈیوں پر لپیٹتے ہیں 
ہم بھی کیا ہیں 
اس کی یادداشت کی چڑیا صدیوں کے گنجلک چہرے پر پھیلی ہوئی پہچان کو بہت دیر سے دانہ دانہ چگ رہی تھی۔ لیکن جب بہت دیر کے بعد بھی بنجر شباہتوں کی گود سے یاد کے ہمکتے بچے نے سر نہ اٹھایا تو اس کے دل میں سرسراتی خوشی مرجھاہٹ کی کھردری مٹھیوں میں پھڑپھڑا کر رہ گئی۔ اس نے اپنا سر میز کی نکر پر ٹکا دیا اور اس کی آنکھوں کی ویران راہداریوں میں بہتی بے بسی رِس رِس کر میز کی شفاف سطح پر بہنے لگی۔ 
مرشد نے اس کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے، میٹھی ملائم آواز میں پوچھا:
۔۔۔  ’’تو تم اپنے نام کی آوازیں سنتے ہو؟‘‘
’’ہاں ‘‘ اس نے آنسوؤں میں بھیگا ہوا سر اٹھایا، ’’ہر رات جب میں سونے لگتا ہوں تو پل کے نیچے سے کوئی مجھے آوازیں دیتا ہے اور اپنی طرف بلاتا ہے۔‘‘
مرشد نے کچھ دیر تدبّر کیا، پھر دانتوں میں خلال کرتے ہوئے پوچھا۔۔۔  ’’تو تم نہیں جانتے کہ آوازیں دینے والا کون ہے؟‘‘
اس نے نفی میں سر ہلایا، 
اور اداسی نے اس کے دل میں دھیرے سے چٹکی لی۔
’’میں اسے جاننا چاہتا ہوں لیکن میرے پاؤں میں خوف کے گھنگرو بندھے ہوئے ہیں۔‘‘
مرشد نے اس کی پیٹھ پر ہاتھ پھیرا۔۔۔  ’’خوف دل کے شفاف آئینہ پر گندی کائی ہے، اسے کھرچ ڈالو۔‘‘
اس نے اپنی شیونگ کٹ میں سے نیا بلیڈ نکالا اور گلے میں ہاتھ ڈال کر دل پر جمی ہوئی کائی کو کھرچنے لگا۔ لیکن بلیڈ کی تیز دھار کائی کی بجائے دل کے کسی اور حصہ میں اتر گئی۔ درد خون کی بانہوں میں اچھلتا ہوا، اس کی آنکھوں کے فرش پر ناچنے لگا۔ 
آرکسٹرا کے انچارج نے اٹھی ہوئی چھڑی کو ایک ادا کے ساتھ نیچے کیا۔ ڈرم پر ضرب لگی اور تیز چیختی لَے ہال کی دیواروں سے نیچے اترنے لگی۔ روشنی کے دائرے نے لپک کر سٹیج پر آتی لڑکی کو اپنی گرفت میں لے لیا۔ 
لڑکی نے ایک ادا کے ساتھ دائرے میں چکر لگایا۔ 
اور اس کی زپ کا ہُک چپکے سے کھل گیا۔ 
ہال میں بیٹھے ہوئے لوگوں نے اپنے اندر پھڑپھڑاتی خواہشوں کو تیز سانسوں کے پتھروں میں لپیٹ کر سٹیج کی طرف اچھال دیا۔ 
اب زپ اس کی گداز کمر کی سفید گولائیوں کو اچھالتی تیزی سے نیچے کھسک رہی تھی۔ 
اسے معلوم تھا کہ اس کے بعد وہ اچانک تماشائیوں کی طرف مڑے گی اور پھر۔۔۔  ! لیکن یہ منظر آنے سے پہلے ہی وہ روز کی طرح ہال سے باہر نکل گیا اور ورانڈے میں نکلتے ہوئے بولا۔۔۔  ’’میں اپنے پاؤں سے خوف کے یہ گھنگھرو کبھی نہیں کھول سکتا۔ میں تو پیدا ہی اس کائی کے نیچے ہوا ہوں۔‘‘
مرشد نے اپنی سفید داڑھی میں انگلیاں پھنسا کر اس کی طرف دیکھا اور بولا۔۔۔  ’’تو تم جاننا چاہتے ہو کہ آوازیں دینے والا کون ہے؟‘‘
اس نے اٹھایا، پھر جھکا لیا اور اپنے آپ سے کہنے لگا۔۔۔  ’’کیا میں جاننا چاہتا ہوں ، میں تو اس لڑکی کے بارے میں بھی جاننا چاہتا ہوں کہ وہ کون ہے؟ اور کیا اس بھرے شہر میں اس کا کوئی نہیں جو وہ یوں رات تماشائیوں کے سامنے اپنے جسم کے ابھاروں کا تماشہ دکھاتی ہے۔‘‘
اور وہ حسبِ معمول اس کے مڑنے سے پہلے ہی تیزی سے اٹھا اور بار میں آ کر صوفہ پر ڈھیر ہو گیا۔ 
’’میں بیٹھ سکتی ہوں۔‘‘
اس نے ہڑبڑا کر سر اٹھایا۔۔۔  ’’جی جی‘‘ 
وہ اس کے سامنے بیٹھ کر بہت دیر اس کی طرف دیکھتی رہی اور وہ سر جھکائے اپنے پاؤں میں بندھے گھنگرو کھولنے کی کوشش کرتا رہا۔ 
’’آپ‘‘ وہ جوس کی چپکی لے کر اس کی آنکھوں میں جھانکتے ہوئے بولی۔۔۔  ’’آپ ہر روز میرا شو ختم ہونے سے پہلے ہی کیوں اٹھ جاتے ہیں۔‘‘
اور یہ کہتے ہوئے شرم کا شعلہ اس کی سفید گالوں کے شمع دانوں میں پھڑپھڑا کر رہ گیا۔ 
’’تو وقت کے بیلنے نے اس کی زندگی کے رس کو ابھی پوری طرح نہیں نچوڑا۔۔۔ ‘‘اس نے سرگوشی کی، ’’ابھی اس کے پتھر چہرے کی چلمنوں کے پیچھے ایک ننھی سی معصوم لڑکی کا چہرہ سانس لے رہا ہے۔‘‘
اور خوشی کا کبوتر اس کے دل کے آنگن میں غٹرغوں غٹرغوں کرنے لگا۔ 
’’میں۔۔۔  میں ‘‘ اس نے جھٹک کر پاؤں سے گھنگھرو نکالنے کی کوشش کی۔۔۔  ’’میں وہ منظر نہیں دیکھ سکتا۔‘‘
’’کیوں ؟‘‘ سوال کرتے ہوئے لڑکی کے اندر کا سارا تجسّس اس کے چہرے کے سائبان کے نیچے جمع ہو گیا۔ 
’’میں نے آپ کو تقدس کے جس چبوترے پر بٹھایا ہوا ہے اس سے نیچے نہیں اتارنا چاہتا۔‘‘
’’کیوں ؟‘‘ وہ شفاف میز پر اتنا جھک گئی کہ اس کے سینے کی گولائیاں گلاس سے ٹکرانے لگیں۔ 
’’آپ مجھے اچھی لگتی ہیں ‘‘۔۔۔  اور وہ پیچھے ہٹ کر صوفے کی پشت میں گھس گیا۔
دونوں چپ ہو گئے، 
گلاسوں میں پڑی برف قطرہ قطرہ گھلنے لگی۔ 
’’تو میں آپ کو اچھی لگتی ہوں ؟‘‘ اس کی آواز میں طنز یا خوشی کی بجائے ایک رستا ہوا دکھ تھا۔ اس نے سر ہلا کر اقرار کیا۔ 
’’لیکن کیوں ؟ میں تو ایک۔۔۔ ‘‘ وہ خود ہی چپ ہو گئی۔ 
خاموشی کی مکڑی پھر ان کے درمیان چپ کا جالا بننے لگی۔ 
وہ صوفے کی پشت سے لگی، حیرت اور دلچسپی کی چلمن سے اسے دیکھتی رہی۔ 
وہ یہ جانتے ہوئے بھی کہ میں۔۔۔  وہ چپ ہو کر اس کے جواب کی منتظر رہی، لیکن جب وہ دیر تک اپنے کھنڈر سے باہر نہ نکلا تو بولی۔۔۔  ’’آپ کون ہیں ؟‘‘
وہ چابک کھائے گھوڑے کی طرح بدک کر اپنے ملبے سے باہر نکلا۔۔۔  ’’میں کون ہوں ؟ یہی تو وہ سوال ہے جس کا جواب مجھے معلوم نہیں۔‘‘
’’میں کون ہوں ؟‘‘۔۔۔  اس نے اپنے آپ سے سوال کیا اور اسی لمحے اس نے پل کے نیچے چھپے ہوئے کی آواز سنی۔ وہ اسے پکار رہا تھا۔ 
’’میں آ رہا ہوں۔۔۔  میں آ رہا ہوں۔‘‘ وہ ہڑ بڑا کر اٹھا اور اسے حیرت زدہ چھوڑ کر دوڑتا ہوا باہر نکل گیا۔ 
لیکن جب اس نے پل کی طرف کھلنے والی کھڑکی کھولی تو وہاں کوئی بھی نہیں تھا۔ 
’’وہ مجھے نظر نہیں آتا، میں صرف اس کی آواز سنتا ہوں۔‘‘
مرشد نے اپنی شہادت کی انگلی آسمان کی طرف اٹھائی اور بولا، ’’آواز سب سے بڑی پہچان ہے۔ وہ بھی تو آواز ہی ہے۔‘‘ اس نے سر جھکا کر سونی گلیوں میں آواز کو تلاش کیا۔ لیکن جب کچھ نہ ملا تو کہنے لگا، ’’پل کے نیچے تو ایک بڑی سی چمگادڑ رہتی ہے، کہیں وہ تو مجھے آوازیں نہیں دیتی۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ وہ چمگادڑ ہے اور آواز میں ہوں۔‘‘
مرشد نے کوئی جواب نہ دیا اور شہادت کی انگلی اٹھائے اوپر دیکھتا رہا۔ اس نے سر ہلایا۔۔۔  ’’یا پھر یہ ہے کہ چمگادڑ میں ہوں اور آواز وہ ہے۔‘‘
آواز وقت کے بہتے پانیوں پر 
سانسوں کی 
سریلی بانسری ہے 
اور ہم چمگادڑوں کی صورت 
ہواؤں میں منڈلا رہے ہیں 
آواز کے سر سبز جنگلوں میں 
وہ دبے پاؤں چلتا ہے 
اور ہمیں پکارتا ہے 
اور بڑے بڑے پوسٹروں پر لکھے ہماری پہچان کے پھسلتے لفظ 
ہمارے ناموں کی صورت 
ہمارے چہروں کی دیواروں پر چپکاتا ہے
ہمیں پکارتا ہے! 
اپنے نام کے لفظ پہچان کر اس نے مڑ کر دیکھا۔ وہ جنرل سٹور کی سیڑھیوں پر کھڑی اس کی طرف دیکھ رہی تھی۔ 
’’تو میں نے اپنی پہچان کے حرف اس کے دل کی ڈائری میں لکھ دئیے ہیں۔‘‘
وہ تیز تیز قدموں سے اس کی طرف لپکا۔ 
کچھ دیر بعد جب وہ ریستوران میں آمنے سامنے بیٹھے چائے کی چسکیاں لے رہے تھے، تو وہ بولی۔ 
’’آپ کے رویہ نے مجھے پریشان کر دیا۔‘‘
’’کیوں ؟‘‘ 
وہ کچھ دیر چمچ کو پیالی کی نکر پر پھیرتی رہی، پھر کہنے لگی۔۔۔  ’’مدتوں بعد میں نے ایک مختلف شخص دیکھا ہے۔‘‘ 
’’تو میں دوسروں سے مختلف ہوں۔‘‘ اس کے دل کے باغ میں مور نے پر پھیلائے اور ناچنے لگا۔ 
’’لیکن آپ نہیں جانتیں مور کے پاؤں کتنے بد صورت ہیں اور میں تو ابھی اپنے آپ کو مانجھ رہا ہوں۔‘‘
’’آپ ہمیشہ اپنی ذات کی گہرائیوں میں ڈوبے رہتے ہیں۔‘‘ اس کی آواز میں تعریف تھی۔ 
’’نہیں بالکل نہیں ، میں تو کھنڈر کے ملبے میں دفن ہوں اور کھنڈر گونگے ہوتے ہیں۔‘‘
زمانہ خود ایک کھنڈر ہے 
جس کی بوسیدہ، ٹوٹی دیواروں کے نیچے 
تاریخ کے اَن گنت چہرے سسک رہے ہیں 
اور ہر آنے والا 
اپنے ہی ملبہ پر کھڑا ہو کر 
اپنا چہرہ تلاش کرتا ہے
چہرہ پہچان تو نہیں لیکن آپ کے چہرے کے صفحوں پر مجھے اپنے خواب بکھرے ہوئے نظر آتے ہیں۔‘‘ 
وہ شرما گئی اور بولی۔۔۔  ’’بہت دیر ہو گئی۔‘‘
اس نے پوچھا۔۔۔  ’’پھر کب؟‘‘
’’شاید کبھی نہیں ‘‘ وہ اداس ہو گئی۔ 
’’لیکن آپ ہی نے تو کہا تھا میں مختلف شخص ہوں۔‘‘
وہ چلتے چلتے رک گئی اور مڑ کر اس کی طرف دیکھتے ہوئے بولی، ’’میں نے کہا تھا؟‘‘
دفعتاً گھنا بادل پر پھیلا کر آگے بڑھتا گیا۔ وہ کھلکھلا کر ہنس پڑی اور قریب آتی ٹیکسی کو ہاتھ دیتے ہوئے بولی۔۔۔  ’’خدا حافظ‘‘
’’اور جدائی اس راہ کا پہلا پتھر ہے۔‘‘ مرشد نے اپنی شہادت کی انگلی سے اس کے دل کے اندھیرے کونے کو گدگداتے ہوئے کہا۔ 
اس نے پوچھا، ’’جدائی کیا ہے؟‘‘
جواب ملا۔۔۔  ’’ایک مخملی تھیلا‘‘
 اس نے پھر پوچھا۔۔۔  ’’اور یہ جدائی کس سے ہے؟‘‘
’’تم صدیوں سے یہی سوال کر رہے ہو۔‘‘ درخت کی سوکھی ٹہنی پر بیٹھے ہوئے گدھ نے غصے سے کہا، ’’کیا تمہیں ابھی تک معلوم نہیں ہوا کہ تم کیا ہو؟‘‘
’’میں کیا ہوں ؟‘‘ اس نے خود سے پوچھا، پھر مرشد کی طرف دیکھا جو شہادت کی انگلی کی پور پر ایک ٹانگ پر کھڑا اپنا توازن درست کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ 
’’تو دراصل ہم سب اپنے آپ کو کھڑا کرنے اور توازن قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘
اس نے اپنے آپ کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن لڑ کھڑا کر نیچے جا گرا۔ 
’’دراصل میرے پاؤں میں موچ آ گئی تھی۔‘‘ اس نے کہا۔ 
’’تو آپ نے مجھے بلا لیا ہوتا۔‘‘ وہ آگے جھکتے ہوئی بولی۔ 
’’میں بلاتا تو آپ آ جاتیں ؟‘‘ وہ سراپا سوال بن کر اس کے سامنے پھیل گیا۔ 
وہ چپ رہی۔ 
’’بتائیں نا؟‘‘
’’پتہ نہیں۔‘‘ وہ کھلکھلائی۔ 
لیکن اگلے ہی لمحے گھنا سیاہ بادل اس کے چہرے پر منڈ لانے لگا۔ 
’’غم ایک گھنا سیاہ بادل ہے۔‘‘ مرشد نے آواز کی پٹاری کھولتے ہوئے اس کی طرف دیکھا۔ 
’’ہاں میں بھی اپنے سینے پر ایک داغ لیے پھرتا ہوں اور جو پل کے نیچے سے مجھے آوازیں دیتا ہے شاید اس کے سینے پر بھی یہی داغ ہو۔‘‘
’’تم تو عجیب آدمی ہو۔‘‘اس کے دوست نے جھنجھلا کر میز پر ہاتھ مارا، ’’تم ۱۹۷۵ء میں بھی کشف اور روح کی باتیں کرتے ہو۔‘‘
’’لیکن تم ہی بتاؤ پھر پل کے نیچے سے مجھے کون آوازیں دیتا ہے؟‘‘
’’تم تو پاگل ہو گئے ہو۔‘‘ اس کا دوست اٹھتے ہوئے بولا۔ 
جب وہ اکیلا رہ گیا تو اس نے گریبان کھول کر اپنے سینے کے داغ کو شہادت کی انگلی سے چھوا اور اپنے آپ سے کہنے لگا، ’’کوئی بھی مجھے سمجھنے کی کوشش نہیں کرتا۔‘‘
وہ بڑی توجہ سے اس کی باتیں سن رہی تھی۔ 
’’شاید میں الجھا ہوا ہوں یا شاید بالکل ہی سپاٹ ہوں۔‘‘
 وہ کچھ دیر اس کی آنکھوں میں جھانکتی رہی پھر بولی۔۔۔  ’’آپ جو کچھ بھی ہیں اچھے ہیں۔‘‘
اس کے دل میں کوئی چیز گنگنانے لگی۔۔۔  ’’تو آپ مجھے دوسروں کی عینک سے نہیں دیکھتیں۔‘‘
’’نہیں ‘‘
’’تو۔۔۔  تو‘‘ اس نے آگے بڑھ کر اس کا ہاتھ پکڑ لیا۔ 
اس نے دھیرے سے اپنا ہاتھ چھڑا لیا اور بولی، ’’میں ایک جلا ہوا مکان ہوں اور جلے ہوئے مکانوں کی دیواروں پر اداسیوں کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔‘‘
’’جلنا اور تڑپنا اسی کے راستے ہیں۔‘‘ مرشد اپنی شہادت کی انگلی پر اپنا توازن ٹھیک کرتے ہوئے بولا۔ 
اس نے پوچھا، ’’اور یہ راستہ کون سا ہے؟‘‘
جواب ملا، ’’جو تمہارے سینے کے داغوں سے شروع ہوتا ہے اور وہاں تک جاتا ہے جہاں تمہیں آوازیں دینے والا بیٹھا ہے۔‘‘
اس نے پھر پوچھا۔۔۔  ’’لیکن وہ کون ہے؟‘‘
مرشد نے اپنے اندر ڈبکی لگائی اور گہرے سمندروں میں ڈوب گیا۔ 
وہ بھی سمندر کے کنارے تک آیا لیکن اس کا سر پانیوں سے باہر رہا۔ 
’’میں تو نہیں جانتا وہ کون ہے؟‘‘ اس نے اپنے آپ سے کہا۔ 
’’چلو اگر تمہیں معلوم ہو بھی جائے کہ وہ کون ہے تو پھر تم کیا کر لو گے؟‘‘ اس کے دوست نے چائے بناتے ہوئے اس سے پوچھا۔
’’میں ‘‘۔۔۔  اس نے سر اٹھا کر اپنے دوست کو دیکھا۔۔۔  ’’واقعی میں کیا کر لوں گا۔‘‘
’’واقعی میں کیا کر لوں گا؟‘‘ اس نے مرشد سے پوچھا۔ 
مرشد نے اس کی طرف دیکھ کر تبسّم کیا اور کہا۔۔۔  ’’کچھ بھی نہیں ، اس لیے کہ خواہش ایک پھدکتی چڑیا ہے، جو ایک ٹہنی سے اڑ کر دوسری ٹہنی پر جا بیٹھتی ہے۔ 
’’تو پھر‘‘۔۔۔  وہ سوال بن کر ریزہ ریزہ ہو گیا۔ 
’’پھر یہ کہ تم مجھ سے نہ ملا کرو۔‘‘ وہ دوپٹے کو انگلی میں لپیٹتے ہوئے بولی۔ 
’’لیکن کیوں ؟‘‘
’’ اس لیے کہ تم اور میں راستے کے دو متوازی نشان ہیں ، ہم چلتے چلتے تھک جائیں گے لیکن فاصلہ بانہیں پھیلائے یوں ہی ہمارے درمیان کھڑا رہے گا۔‘‘
اس نے ایک لمحہ کے لیے اس کی آنکھوں میں تیرتے گھنے بالوں کو دیکھا اور بولا۔۔۔  ’’یوں بھی تو ہو سکتا ہے کہ تم اس طرف آ جاؤ یا میں پھر اس طرف آ جاؤں۔‘‘
’’نہیں ‘‘ وہ اداسی سے بولی، ’’یہاں یہی ہوتا ہے کہ جو جس جگہ ہے وہیں رہتا ہے۔‘‘
کچھ دیر دونوں خاموشی سے ایک دوسرے کو دیکھتے رہے، پھر وہ دھیرے سے اٹھی۔۔۔  ’’شو کا ٹائم ہو گیا۔‘‘
وہ اپنی میز پر تنہا بیٹھا ہال میں سے آتی آوازوں کو سنتا رہا۔ 
اب اس کا ہاتھ اپنی زپ کا ہک کھول رہا ہو گا، اب۔۔۔  اب۔۔۔  اب، 
وہ دوڑتا ہوا سڑک پر آ گیا۔ 
مرشد نے پوچھا۔۔۔  ’’اتنی تیزی سے کیوں دوڑ رہے ہو؟‘‘
اس نے اداسی سے سر ہلایا، ’’تاکہ سفر ختم ہو جائے۔‘‘
مرشد نے تبسّم کیا۔۔۔  ’’سفر ایک پکا داغ ہے جو تمہارے سینے پر کھد چکا ہے۔‘‘
اس نے اپنا گریبان کھول کر اندر جھانکا، اس کے سینے پر ایک بہت بڑا داغ تھا۔ 
اس نے مرشد کی طرف دیکھا۔۔۔  ’’میرے سینے پر بہت بڑا داغ ہے یا شاید ایک بہت بڑے داغ پر میرا سینہ ہے۔‘‘
وہ کچھ دیر سوچتا رہا، پھر بولا۔۔۔  ’’کیا اس دنیا میں ہر شخص یوں ہی ہے۔‘‘
مرشد نے سر ہلایا۔ 
اس نے گریبان کے کھلے بٹن ایک ایک کر کے بند کئے اور کمرے میں آ گیا۔ آنکھیں بند ہونے سے پہلے اس نے روز کی آواز سنی۔ کوئی پل کے نیچے اس کا نام لے کر پکار رہا تھا۔ اس نے نیم غنودگی کے عالم میں کھڑکی میں سے جھانک کر پل کی طرف دیکھا۔ پل کے نیچے گہری گھنی تاریکی تیر رہی تھی، پھر اس نے ڈرم اور آکسٹرا کی آوازیں سنیں۔ زپ کا ہک کھلا۔ زپ آہستہ آہستہ نیچے اترنے لگی۔ کمر کی گولائیاں نمایاں ہونے لگیں ، پھر۔۔۔  پھر ایک گہری تاریکی اور اس کا نام پکارتی آواز۔۔۔  اس نے کھڑکی کے پٹ زور سے بند کر دئیے اور کہنے لگا۔۔۔  ’’زندگی شاید ایک دھند ہے اور میں اس دھند میں تیرتا ہوا لمحہ۔‘‘
’’لمحہ کیا ہے؟‘‘ اس نے پوچھا۔ 
’’شاید کچھ ہے، شاید کچھ بھی نہیں ہے۔‘‘
اور نیند اپنی سرمئی انگلیوں سے اس کی پلکوں کے دروازوں پر دستکیں دینے لگی۔ 
٭٭٭





لمحہ جو صدیاں ہوا


یہ مزار بڑی سڑک سے مڑتے ہی تالاب کے کنارے ایک اونچے ٹیلے پر ہے۔ اس کی ٹوٹی منڈیر سے میں نے کتنے ہی موسموں کے پرندوں کو تالاب کے کنارے دھندلاتے اور روشن ہوتے دیکھا ہے۔ کبھی کبھی جب پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو چیزیں دھندلی دھندلی سی دکھائی دیتی ہیں۔ دور خاک کے بادلوں کو چیرتا ایک خرقہ پوش شہر کے دروازے پر دستک دیتا ہے، 
میری خاک اب اس شہر کی مٹی میں پیوست ہو گی، 
صدیوں کی دھول قبروں کے نشان مٹاتی چلی جاتی ہے، 
اپنی ہی قبر پر پاؤں رکھتا ایک نوجوان تیزی سے گزر جاتا ہے، 
میرا خمیر اسی شہر کی مٹی سے اٹھا ہے۔ 
شہر کی فصیل سے آخری تیر چلاتے ہوئے اس کا زخمی جسم آدھا لٹک جاتا ہے، 
موسم بھیس بدل کر ایک دوسرے کے پیچھے بھاگتے ہیں ، دن اور لمحے اُڑ اُڑ کر وقت کی جھولی میں گرتے چلے جاتے ہیں۔۔۔  خزاں بہار، بہار اور خزاں۔۔۔  خوابوں کے پیچھے بھاگتا ایک اور نوجوان چائے خانے کی میز پر مکّہ مارتے ہوئے کہتا ہے۔۔۔  خواب حقیقتیں ہیں۔ 
میں ان سارے چہروں کو پہچاننے کی کوشش کرتا ہوں ، 
شہر کے دروازے پر دستک دیتا خرقہ پوش، فصیل پر کھڑا تیر انداز اور چائے خانے کی میز پر مکہ مارتا نوجوان۔۔۔  میں ان سے بہت فاصلے پر ہوں ، 
دور سے خرقہ پوش کی آواز آتی ہے
یہ سب ایک دائرہ ہے۔ 
دائرہ در دائرہ۔۔۔  جس کی ایک سطح پر تو پہنچا جا سکتا ہے، لیکن دوسری سطح پر انقطاع ہو جاتا ہے اور تیسری حقیقتہ اطقیقتہ کے بیابانوں کی سطح ہے۔ جہاں سر گشتگی اور تحیر کے سوا کچھ نہیں۔۔۔  !
پھر ایک نعرہ مستانہ سنائی دیتا ہے۔۔۔  جو راز ہے وہ را ز رہے۔ جو وارد ہو اسے بخوشی برداشت کرے، 
میں پوچھتا ہوں۔۔۔  ’’یہ راز مجھ پر کب منکشف ہو گا؟‘‘
خرقہ پوش دھند میں ڈوبتے ڈوبتے لمحہ بھر کے لیے سامنے آتا ہے۔۔۔  ’’راز اس وقت منکشف ہوتا ہے، جب واصف، موصوف اور وصف میں کوئی فرق باقی نہیں رہتا۔‘‘
دھند آہستہ آہستہ گہر ی ہوتی چلی جاتی ہے، 
شہر کی فصیل پر کھڑا تیر انداز تیر نکالتا ہے، اسے چلہ میں جوڑتا ہے۔ 
’’میری خاک اس شہر کی مٹی میں دفن ہے اور میں نے خرقہ اتار کر تیر کمان سنبھال لیا ہے کہ سچ کی کوئی زبان، کوئی بھیس لباس نہیں ہوتا۔‘‘
یہ شہر، خرقہ پوش، یہ سپاہی میرے وجود کے ملبے میں دور کہیں دبے ہوئے ہیں۔ کبھی کبھی مجھے ان کی دھیمی دھیمی آوازیں اور دھندلی دھندلی شبیہیں دکھائی دیتی ہیں لیکن مجھ میں اتنی سکت نہیں کہ میں اپنے وجود کی اس گہری کھائی کو عبور کر کے ان تک پہنچوں۔ میں تو صرف اس نوجوان تک ہی پہنچ پاتا ہوں جو دوستوں کے ساتھ فٹ پاتھ کے کنارے کسی چائے خانہ میں کبھی دوسروں سے اور کبھی اپنے آپ سے مکالمہ کر رہا ہے۔
وہ بھری بھری راتیں اور پھیکے پھیکے دن۔۔۔  دن کا وہی معمول، صبح بغیر منہ دھوئے، بغیر شیو کئے، آنکھیں ملتے دفتر کی طرف بھاگنا اور دن بھر فائلوں کی بنجر گود میں زندگی کا شگوفہ تلاش کرنا، لیکن راتیں بڑی زرخیز تھیں ، شام ہوتے ہی کسی ویران سے چائے خانے میں اکٹھے ہونا، دیر تک سمجھ نہ آنے والی باتیں کرنا۔۔۔  اپنے آپ کو، دوسروں کو جاننے دریافت کرنے کی باتیں ، پھر دیر تک شب گردی، گھر کی طرف تنہا آتے ہوئے ویران سڑکوں ، درختوں اور کھمبوں سے مکالمہ۔۔۔  ایک عجیب مزہ تھا، لیکن اب تو ایک خاموشی ہے، پُر اسرار خاموشی، نہ صبح دفتر جاتے ہوئے کوئی انہونی بات نہ راتوں کو گود میں کوئی ہمکتا شگوفہ۔۔۔  معمول اب بھی ہے، صبح وقت پر اٹھنا، شیو کرنا، تیار ہو کر دفتر جانا اور دن بھر فائلوں پر لوگوں کے مقدر کی لکیریں کھینچنا۔۔۔  اور  راتیں اب صرف سونے کے لیے ہیں۔۔۔  ہر طرف ایک خاموشی، گہری خاموشی، ایک ہلکا ارتعاش ہے تو اس ایک لمحہ جب بڑی سڑک سے مڑتے ہی ٹیلہ پر یہ مزار دکھائی دیتا ہے۔ مزار سے آتی ڈھول کی آواز رینگتی ہوئی سارے وجود میں پھیل جاتی ہے اور لمحہ بھر کے لیے سارا وجود ملبہ کا ڈھیر بن جاتا ہے جس کے نیچے دبا ہوا سپاہی جو شہر فصیل پر کھڑا دشمن پر تیر چلا رہا ہے اور اس کے پیچھے شہر کے دروازے پر دستک دیتا خرقہ پوش سر ابھارتے ہیں۔ 
کیا یہ جاننے کا عمل ہے؟ 
خرقہ پوش مسکراتا ہے، پھر کہتا ہے۔۔۔  ’’میرے شیخ نے مجھے ایک حکایت سنائی تھی، تم بھی سنو۔۔۔  ایک راہب روم کے کلیسا میں ستّر سال سے گوشہ نشیں تھا۔ شیخ اس کا ذکر سن کر روم میں اس کلیسا کے پاس پہنچے۔ راہب نے دریچے سے سر نکال کر کہا۔۔۔  اے شخص تو یہاں کیا لینے آیا ہے۔ میں راہب نہیں ہوں ، بلکہ اپنے نفس کی، جس نے کتے کی شکل اختیار کر لی ہے، نگرانی کرتا ہوں اور اس کو مخلوق کے شر سے محفوظ رکھنا چاہتا ہوں۔ شیخ نے اس کے لیے دعا کی کہ اے خدا! اس کو ہدایت دے۔ راہب بولا۔۔۔  مردوں کی جستجو میں تم کب تک پھرتے رہو گے، گھر جا کر خود کو تلاش کرو اور جب اپنے آپ کو پالو تو اپنے نفس کی نگرانی کرو۔‘‘
یہ اپنے آپ کو پا لینا ہی تو ایک عذاب ہے، آدمی جتنا کم جانے اتنا ہی اچھا ہے۔ 
بڑ کے درخت کے نیچے موت کی ٹھنڈی انگلیوں نے آہستگی سے سوکھی ہڈیوں کو چھوا، لیکن اسی لمحہ زندگی بھرے ہاتھوں نے سوکھے ہونٹوں پر دودھ کے قطرے چوائے۔۔۔  تازہ دودھ کی چند بوندوں سے سوکھی انتڑیوں اور خشک ہڈیوں میں زندگی کونپل کی طرح مسکرائی، اس نے آہستگی سے آنکھیں کھولیں ، 
’’لاعلمی ایک نعمت ہے!‘‘
نہ جاننے میں بھی ایک اسرار ہے، خوابوں کے پیچھے بھاگتے جائیں ، دھند کے ساتھ دھند ہو جائیں۔۔۔  تین سمتوں کی پہچان اور چوتھی سمت کا اسرار، 
ہرن کنوتیاں اٹھا بھاگا، شہزادہ افتاں و خیزاں پیچھے پیچھے، 
راستہ ہے کہ ختم ہونے میں نہیں آتا، رات آ گئی، شبِ ماہ پورن ماسی کا چاند اور ہرن ہے کہ چوکڑیاں بھرتا چلا جاتا ہے۔۔۔  دفعتاً جنگل ختم ہوا، کیا دیکھتا ہے کہ سامنے ایک پُر فضا باغ ہے جس کے بیچوں بیچ ایک بارہ دری کہ۔۔۔  
لیکن یہ جنگل تو ختم ہونے ہی میں نہیں آتا، آخر پر پہنچتا ہوں تو پھر پہلا سرا آ جاتا ہے، ایک دائرہ۔۔۔  
صبح چھ بج کر پندرہ منٹ پر الارم کے ساتھ اٹھنا، شیو، دانت صاف کرنا، ناشتہ، بچوں کو سکول چھوڑنا، دفتر۔۔۔  ایک فائل، دوسری، تیسری، بچوں کو سکول سے لینا۔۔۔  گھر واپسی کھانا، سونا، اٹھ کر ٹی وی دیکھنا۔۔۔  رات سونا، صبح پھر وہی چھ بج کر پندرہ منٹ پر الارم کی آواز۔۔۔  
ایک ہی راستہ۔۔۔  یوں ہی برسوں بیت گئے ہیں ، 
لیکن بڑی سڑک کا موڑ مڑتے ہی ڈھول کی ہلکی سی آواز نے میرے سوئے وجود میں چٹکی سی لی ہے۔ میں نے چونک کر دیکھا، ایک پتھر پر جس کا ایک کونہ بڑی سڑک کی طرف باہر نکلا ہوا ہے، کوئلہ سے لکھا ہے۔۔۔  شیخ ابو بختیار مشہدی۔۔۔  میری نظریں اوپر اٹھتی گئیں۔ مزار رنگ برنگی جھنڈیوں سے جگمگا رہا تھا۔ مجھے آج تک معلوم نہ ہو سکا کہ یہ کس کا مزار ہے؟ میرے قدم اوپر اٹھتے گئے۔ تالاب کی سمت والی منڈیر پر ایک شخص جھکا ہوا تالاب کی طرف دیکھ رہا تھا۔ میرے قدموں کی چاپ پر اس نے سر اٹھایا، 
میں نے پوچھا۔۔۔  ’’آپ کون ہیں ؟‘‘
اس کے ہونٹوں پر ایک پر اسرار تبسّم ابھرا۔۔۔  ’’میں ابوا لبختیار مشہدی ہوں۔‘‘
میں نے پوچھا۔۔۔  ’’یا شیخ آپ مشہد سے یہاں پہنچے، اتنی دور۔۔۔  مٹی نے کہیں آپ کے پاؤں نہیں پکڑے؟‘‘
شیخ ایک لمحے چپ رہے پھر بولے۔۔۔  ’’مٹی کی پکڑ بڑی سخت ہے لیکن یہ دل کی آواز عجب چیز ہے، اس کی لَے میں جو بے چینی اور اضطراب ہے وہ آدمی کو کشاں کشاں لیے پھرتی ہے۔‘‘
’’بے چینی اور اضطراب‘‘ کوئی میرے اندر کسمساتا ہے،
میں نے کہا۔۔۔  ’’یا شیخ! میرا اضطراب اور بے چینی کہاں گئے؟‘‘
شیخ بولے۔۔۔  ’’ایک شخص تیس سال تک مرشد کی صحبت میں حاضر رہا اور ایک دن عرض کی کہ اتنا عرصہ گزرنے کے باوجود آپ کی تعلیم مجھ پر اثر انداز نہیں ہوئی۔ مرشد نے فرمایا کہ ایک ہی صورت سے تجھ پر اثر ہو سکتا ہے لیکن وہ تجھے قبول نہیں ہو گی۔ اس نے عرض کی کہ میں آپ کے ہر حکم کی تعمیل کروں گا۔ مرشد نے فرمایا، اپنے بال منڈوا کر ایک کمبل اوڑھ اور ایک تھیلے میں اخروٹ بھر لے اور ایسی جگہ جا بیٹھ جہاں بہت سے لوگ تجھ سے واقف ہوں اور بچوں سے کہہ دے کہ جو بچہ ایک تھپڑ مارے گا اسے ایک اخروٹ دوں گا، بس یہی تیرا علاج ہے، اس لیے کہ ابھی تجھے اپنے نفس پر قابو حاصل نہیں ہو سکا۔‘‘
میں نے شیخ سے یہ نہیں پوچھا کہ مرید نے مرشد کو کیا جواب دیا۔
زندگی کے اس تسلسل میں ہر سوال کا جواب ضروری بھی نہیں ہوتا۔۔۔  زندگی ہے ہی عجیب شے، اتنی مضبوط کہ ستاروں پر کمند ڈالنے کا حوصلہ اور اتنی کمزور کہ ایک سانس کے بعد دوسرا سانس غائب ہو جائے تو سب کچھ ختم۔۔۔  کائنات کی اس وسعت میں زندگی کے کیا معنی ہیں ؟ ایک ذرّہ، یا شاید اس سے بھی زیادہ بے وقعت۔ کیا معلوم یہ کائنات بھی کسی نقطہ پر جا کر ذرّے کی طرح بے وقعت ہو جاتی ہو، یا اپنے ہی ہاتھوں خود کو فنا کر لیتی ہو، ایک نئے آغاز کے لیے۔۔۔  تو یہ سب کچھ ایک سفر ہی ہے، ایک طویل سفر، شیخ مشہد سے یہاں پہنچے اور مٹی کہیں ان کے پاؤں نہ پکڑ سکی، لیکن کئی لوگ تو مٹی کی گرفت سے نکل ہی نہیں پاتے، ساری عمر انہیں معلوم ہی نہیں ہوتا کہ وہ کیا ہیں ، جہاں پیدا ہوئے وہیں مر گئے، یا شاید جس لمحے پیدا ہوئے اسی لمحے مر گئے۔ 
یہ ساری تگ و دو تو خود کو جاننے پانے کی ہے۔۔۔  سارا کھیل ظاہر اور باطن کا ہے۔۔۔  ایک پراسرار آنکھ مچولی، 
ایک بار شیخ کو راہ میں ایک کتا ملا۔ آپ نے دامن سمیٹ لیا۔ اس پر کتا بولا۔۔۔  آپ نے دامن کیوں بچایا، اس لیے کہ اگر میں بھیگا ہوا نہیں ہوں تو مجھ سے ناپاکی کا کوئی خطرہ نہیں اور اگر بھیگا ہوا ہوتا تو آپ اپنے نئے کپڑے پاک کر سکتے ہیں لیکن یہ تکبر جس کا مظاہرہ آپ نے فرمایا یہ تو سات سمندروں کے پانی سے بھی پاک نہیں ہو سکتا۔ آپ نے فرمایا، تو سچ کہتا ہے اس لیے کہ تیرا ظاہر نجس ہے اور میرا باطن۔
مجھے یہ تو معلوم نہیں ہو سکا کہ میرے ظاہر اور باطن میں کون زیادہ نجس ہے لیکن یہ ضرور محسوس ہوتا ہے کہ ظاہر بڑا پُر سکون اور خاموش ہے اور باطن میں نہ تھمنے والا طوفان۔۔۔  جس کی زد میں مَیں ایک تنکے کی طرح ہوں ، جیسے کائنات اوپر سے خاموش اور اپنے مرکزہ کی پابند دکھائی دیتی ہے، 
شیخ ابو البختیار مشہدی ٹوٹی منڈیر سے تالاب میں تیرتی بطخوں کو دیکھ رہے ہیں ، 
میں نے پوچھا۔۔۔  ’’اے شیخ! یہ فنا اور بقا کا کیا فلسفہ ہے؟‘‘
شیخ نے تالاب میں ہاتھ ڈال کر باہر نکالا تو میں نے دیکھا ان کی ہتھیلی پر شعلہ پھڑپھڑا رہا ہے، پھر شیخ نے گرم تنور میں ہاتھ ڈال کر نکالا تو اس پر برف کا ایک ٹکڑا چمک رہا تھا۔ 
میں نے سوالیہ نظروں سے ان کی طرف دیکھا۔ 
وہ مسکرائے۔۔۔  ’’فنا اور بقا ایک ہی سلسلے کی دو سمتیں ہیں۔‘‘
پھر ذرا توقّف کے بعد بولے۔۔۔  ’’ایک شخص نے اپنے مرشد سے کہا، حضور تنور گرم ہے۔ مرشد نے جواب نہ دیا۔ اس نے تین بار کہا، حضور تنور گرم ہے۔ مرشد نے جھلّا کر کہا، تو جاؤ اس میں جا کر بیٹھ جاؤ۔ کچھ دیر بعد انہیں خیال آیا کہ انہوں نے کیا کہہ دیا۔ فرمایا، جاؤ تنور میں جا کر دیکھو۔ جب تنور تلاش کر کے دیکھا تو وہ شخص اندر بیٹھا ہے اور آگ نے ایک بال بھی نہیں جلایا۔
شیخ خاموش ہو گئے، پھر بولے۔۔۔  ’’اصل چیز وجود نہیں وجود کا احساس ہے۔‘‘
لیکن خود کو محسوس کرنا کیا اتنا ہی آسان ہے؟ 
میں نے جب بھی خود کو محسوس کرنے کی کوشش کی ہے ایک عجیب طرح کی افراتفری نے آن گھیرا۔ یوں لگا جیسے بہت سی چیزیں ، کیفیتیں اور جذبے بکھرے پڑے ہیں ، جنہیں زبان اور ترتیب دینا میرے بس میں نہیں۔۔۔  شہر کے دروازے پر دستک دیتا خرقہ پوش اور فصیلِ شہر پر خون بہاتا سپاہی مدھم ہوتے ہوتے دھندلے نشانوں سے بھی کہیں پرے چلے گئے ہیں۔۔۔  ان کے آگے ایک بنجر میدان ہے جس میں کبھی کبھار ٹمٹماتی یادوں کے کچھ دئیے روشن ہو جاتے ہیں۔۔۔  ہرن کی سی چال والی وہ، جس کے جوڑے کا زرد پھول آج بھی یادوں کی جھیل میں تیرتا تیرتا میری آنکھوں کے کسی کونے میں نمی بننے لگتا ہے، وہ ہمیشہ مجھے ایسی نظروں سے دیکھتی تھی جیسے میرے سوال کی منتظر ہو۔۔۔  میں اس سے اپنا آپ واپس مانگنا چاہتا تھا، لیکن لفظوں نے کبھی میرا ساتھ نہ دیا، بوند بوند حرف اکٹھے کر کے لفظ بناتا لیکن یہ لفظ جملے نہ بن پائے۔۔۔  اور یوں ہی یونیورسٹی کے دو سال بیت گئے۔ وقت کے جواری ہاتھوں نے ہمیں پھینٹ کر زمانے کی شطرنج پر پھینک دیا۔ دیوار پر لگے کیلنڈروں کے کئی ہندسے ٹوٹ ٹوٹ کر وقت کی ڈسٹ بن گر گئے، بہت سے چہرے دھند لا گئے لیکن اب بھی آنکھوں کے کسی کونے میں ایک نمی سی محسوس ہوتی ہے جس کے شفاف بدن میں سے زرد پھول لمحہ بھر کے لیے جھانکنے لگتا ہے۔ 
میرا خیال ہے کہ میں اس کی مانوس خوشبو بھول گیا ہوں لیکن کل جب ایک دکان سے نکلتے ہوئے وہ اچانک میرے سامنے آ گئی تو وہی خوشبو، مانوس خوشبو مجھ سے لپٹ گئی۔ ہم دونوں ایک لمحے کے لیے ٹھٹھکے، پھر وہ اپنے بچوں کو لے کر اندر چلی گئی، میں اپنے بچوں کو لے کر باہر نکل آیا۔
اس شام میں نے شیخ سے پوچھا۔۔۔  ’’اگر دریا ایک ہی ہے تو لہریں ایک دوسرے سے دور کیوں ہو جاتی ہیں ، کوئی آگے نکل جاتی ہے کوئی پیچھے رہ جاتی ہے۔‘‘
شیخ نے تالاب سے نظریں ہٹائیں اور بولے۔۔۔  ’’یہ تو صرف نظر کا فریب ہے۔‘‘
میں نے کہا۔۔۔  ’’اگر یہ محض فریب ہے تو پھر یہ بے چینی کیسی؟‘‘ 
شیخ بہت دیر چپ رہے پھر کہنے لگے۔۔۔  ’’ایک شخص روتا ہوا مرشد کے پاس آیا اور عرض کی کہ یا حضرت میں نے بڑی محنت، عبادت اور ریاضت کے بعد ایک خاص انجذابی کیفیت حاصل کی تھی۔ اس میں بڑی لذت اور آسودگی تھی لیکن چند دنوں سے میں اس حلاوت اور جذب سے محروم ہو گیا ہوں۔ مرشد نے فرمایا۔۔۔  دنیا چھوڑ دینے کے بعد تم پھر اس کے وسوسوں میں گھبرا گئے ہو اور غیر یقینی سوچوں نے تمہارے باطن کو ہلا دیا ہے۔‘‘
سنسان سڑک، راستہ دھند لایا ہوا، وسوسہ دبے پاؤں آتا ہے اور پلک جھپکنے میں چاروں طرف چھا جا تا ہے، خود کو محسوس کرنے کے لیے ایک لمبی چیخ، لیکن جواباً چپ، گہری چپ، 
مرید نے مرشد سے سوال کیا، مرشد خاموش رہا، مرید نے پھر سوال کیا، 
مرشد اب بھی چپ رہا، مرید نے کہا۔۔۔  پہلے تو ایسا نہیں تھا کہ آپ نے میرے سوالوں کا جواب نہ دیا ہو۔ مرشد نے جواب دیا، ایک وقت وہ آتا ہے جب سکوت کرنا پڑتا ہے اور یہ بات سمجھ لو کہ نظر کے بعد خبر کی ضرورت نہیں رہتی، تب خبر اور وقت دونوں بے معنی ہو جاتے ہیں۔
رات گئے دروازہ کھولتے ہوئے بیوی کا وہی پرانا جملہ۔۔۔  ’’یہ کوئی وقت ہے گھر آنے کا۔‘‘
مجھے آج تک علم نہیں ہو سکا کہ گھر آنے کا وقت کون سا ہے اور گھر کیسے پاؤں پکڑتا ہے۔ یونیورسٹی کے زمانے میں دن پڑھنے میں گزر جاتا اور رات کو کسی چائے خانے میں سارے دوست اپنے اپنے زرد پھولوں کی یاد تازہ کرتے۔ رات گئے دروازہ کھولتے ہوئے ماں روز کا جملہ دہراتی۔۔۔  ’’یہ کوئی وقت ہے گھر آنے کا۔‘‘ ماں کا خیال تھا کہ شادی کے بعد میرے پاؤں گھر میں رک جائیں گے لیکن شب گردی اور سنسان سڑکوں پر درختوں ، کھمبوں اور اپنے آپ سے مکالمہ کرنے کا نشہ عجب ہے کہ جاتے نہیں جاتا۔ معلوم نہیں تنہائی میں اتنی لذت کیوں ہے۔ ایک بستر میں برسوں اکٹھے سونے کے باوجود کوئی نہ کوئی لمحہ یا مقام ایسا ضرور ہوتا ہے جہاں ترسیل نہیں ہوتی۔ اس لمحہ اس مقام پر ہر ذات تنہا ہوتی ہے، اپنے دکھ کے ساتھ کسی زرد پھول، کسی سرخ ٹائی کی یاد کے ساتھ، لیکن یہ یاد تو تلوار کی طرح ہے جو ہمیشہ سرپر سونتی رہتی ہے۔ 
کہتے ہیں ، کسی بادشاہ نے مجنوں کو بلایا اور پوچھا، تجھے کیا ہو گیا ہے اور تجھ پر کیا افتادہ پڑی ہے کہ تو نے خود کو رسوا کیا۔ لیلیٰ کیا ہے، اس میں کیا خوبی ہے، آ میں تجھے حسین ترین دوشیزائیں دکھاؤں اور ان کو تجھ پر قربان کروں اور انہیں تجھ کو بخش دوں۔ جب یہ حسین ترین دوشیزائیں حاضر ہوئیں تو اپنی اداؤں میں سرمست تھیں۔ مجنوں اپنے حال میں تھا۔ اس نے نظر اٹھا کر نہ دیکھا۔ بادشاہ نے کہا۔۔۔  اب ذرا نظر اٹھا اور ان دوشیزاؤں کو دیکھ۔ مجنوں نے جواب دیا۔۔۔  میں ڈرتا ہوں کیونکہ لیلیٰ کا عشق تلوار سونتے کھڑا ہے، میں نے سر اٹھایا تو وہ ایک ہی وار سے اسے اڑا دے گا اور اے بادشاہ !تو نے یہ جو پوچھا کہ لیلیٰ کیا ہے تو جان لے کہ لیلیٰ جسم نہیں نور ہے اور یہ بھی جان لے کہ اگر ساری دنیا نور سے بھر جائے پھر بھی جب تک اپنی آنکھوں میں نور نہ ہو نور نظر نہیں آئے گا، اور جب یہ نور نظر آنے لگتا ہے تو اپنے نام کی پکار سنائی دیتی ہے، 
’’یا شیخ۔۔۔  یہ کیا اسرار ہے کہ پکارنے والا پکارے جاتا ہے لیکن سامنے نہیں آتا۔‘‘
شیخ نے لمحہ بھر توقّف کیا، پھر بولے۔۔۔  ’’پکارنے والا سننے والے سے علیحدہ نہیں اور اپنے آپ کو دیکھنا بہت مشکل ہے۔‘‘
پروفیسر نے عینک ٹھیک کی اور کہنے لگے۔۔۔  ’’ذہن کے دو حصے ہیں ، دائیں طرف والا اور بائیں طرف والا، ایک پرانا اور دوسرا نیا ذہن۔ پرانا ذہن اجتماعی لا شعور ہے، پوری انسانیت بلکہ پوری کائنات کی تاریخ، ایک لائبریری، ایک دفینہ۔۔۔  نیا ذہن جدید عہد اور نئے امکانات کی دنیا ہے یعنی شعور دونوں کے درمیان ایک رابطہ ہے۔۔۔  کنٹرولنگ اتھارٹی۔۔۔  جب کبھی اس رابطے میں کوئی بحران پیدا ہو جائے تو پرانے ذہن سے چیزیں سرک کر نئے ذہن میں آ جاتی ہیں۔ سارا معمول غیر معمول بن جاتا ہے، پراسرار آوازیں سنائی دیتی ہیں ، چیزوں کے نئے چہرے، نئے معنی دریافت ہوتے ہیں۔۔۔  کشف و کرامات۔۔۔  اسرار، آوازیں۔۔۔  جو اپنے ہونے کا احساس دلاتی ہیں ،
باتیں۔۔۔  جو سمجھ میں نہیں آتیں ،
کیا ایک دوسرے کی باتیں سمجھنا ضروری بھی ہے؟ ہم سب زندگی کو اپنے اپنے دریچے سے گزرتے دیکھتے ہیں تو پھر ایک دوسرے کے ساتھ یہ شرکتیں کیا؟ اور کیوں ؟ ایک نہ ایک لمحہ یا مقام تو ضرور ایسا ہے جو صرف اور صرف اپنا ہوتا ہے، جہاں کوئی دوست، ماں باپ، بیوی بچے شرکت نہیں کرتے، تنہائی کا ایک لمحہ، اپنا لمحہ۔
میں اس ایک لمحہ کی لذت میں گم رہنا چاہتا ہوں ، زندگی کی سنسان سڑک پر خاموشی سے چلتے جانا اور ایک دن نیستی کی دھند میں ڈوب جانا، لیکن یہ جو کبھی کبھی مڑ کر دیکھنے کی خواہش ہے، ماضی کے مشفق ہاتھ کی گرم گرم تھپک۔۔۔  بڑی سڑک کے موڑ پر تالاب کے کنارے اونچے ٹیلے پر مزار، مزار سے اٹھتی ڈھول کی مہکتی تھاپ، منڈیر پر جھکے شیخ ابوالبختیار  مشہدی اور تالاب میں ڈوبتے سورج کا عکس،
’’یا شیخ۔۔۔  یہ ماضی، حال اور مستقبل کا کیا اسرار ہے، ہم کہاں زندہ رہتے ہیں اور کہاں فنا ہو جاتے ہیں ؟‘‘
شیخ کے ہونٹوں پر ایک معنی خیز پراسرار تبسّم ابھرا، بولے۔۔۔  ’’وقت ایک دریا کی مانند ہے جس کی لہروں کو الگ الگ نہیں کیا جا سکتا، اگرچہ دیکھنے میں وہ الگ الگ نظر آتی ہیں ، ماضی کی گود سے حال، حال کی گود سے مستقبل اور مستقبل کی گود سے پھر ماضی طلوع ہوتا ہے، ایک دائرہ جس کا ایک مرکز ہے اور مرکزہ کی کوئی زبان نہیں ، نہ کوئی اس کا احاطہ کر سکتا ہے۔‘‘
میں نے پوچھا۔۔۔ ’’تو اے شیخ! اس دائرے کا تسلسل کیا ہے؟‘‘
شیخ نے ذرا توقّف کیا پھر کہا۔۔۔  ’’فہم انسانی اس تسلسل تک رسائی نہیں رکھتی، اس کی رسائی تو عام درجے تک بھی نہیں ، حقیقۃ اطقیقۃ اور حق الطقیقۃ تک اس کا پہنچنا ناممکن ہے، اس کے لیے نفس کو فنا کرنا پڑتا ہے۔‘‘
میں اپنے نفس کو فنا نہیں کر سکا، اس لیے میں اس بھید کو نہیں پا سکا۔
میں نے پوچھا۔۔۔  ’’اے شیخ! آپ نے اس بھید کو پا لیا ہو گا؟‘
شیخ نے ٹھنڈی آہ بھری۔۔۔  ’’وہ خرقہ پوش مشہد کی خاک سے اٹھا اور مرشد کے حکم کے مطابق مسافتیں طے کرتا اس شہر کے دروازے پر پہنچا، اسی ٹیلہ پر اُس نے چلّہ کاٹا اور یہیں خاک ہو کر مٹی میں ملا۔۔۔  برسوں بعد اسی خاک سے اُس جواں مرد نے جنم لیا۔۔۔  شہر کی حفاظت کرتے ہوئے فصیل پر جان دی، پھر اسی لہو سے اب برسوں بعد۔۔۔ ‘‘
میں نے بے چینی سے پوچھا۔۔۔  ’’اور اب برسوں بعد۔۔۔ کون۔۔۔  اے شیخ! کون؟‘‘
آواز۔۔۔  منظر سمٹ کر، ایک نقطہ بن کر شیخ کے وجود میں سما گئے، 
میں نے کہا۔۔۔  ’’اے شیخ اگر وہ خرقہ پوش، وہ جواں مرد، وہ جواں سب آپ ہیں تو میں کیا ہوں ؟‘‘
شیخ نے مجھے دیکھا، بولے۔۔۔  ’’ایک مرتبہ کل جہان کے پکھیرو سی مرغ کی تلاش میں نکلے، برسوں بعد جب وہ تپتے صحراؤں ، برفانی پہاڑوں اور موت کی سات وادیوں سے گزر کر کوہ کاف پر پہنچے تو لاکھوں میں سے صرف تیس باقی رہ گئے۔ یہ تیس پرندے مختلف دروازوں سے گزر کر آخر کار ایک ایسے پردے کے سامنے پہنچے جس کے پیچھے سی مرغ پوشیدہ تھا۔ پردہ اٹھا تو انہوں نے دیکھا کہ ان کے سامنے ایک آئینہ ہے جس میں ان کا اپنا عکس دکھائی دے رہا ہے۔‘‘
میں نے سر اٹھایا۔۔۔  وہاں کوئی نہیں تھا، 
یا شیخ۔۔۔  یا شیخ 
لیکن شیخ ابو البختیار  مشہدی کا کچھ پتہ نہیں تھا، مزار سنسان پڑا تھا، نہ کوئی جھنڈا، نہ ڈھول کی تھاپ، ہر طرف ایک ویرانی اور اداسی۔۔۔  شاید مدتوں سے وہاں کوئی نہیں آ یا تھا اور میں نہ جانے کب سے ٹوٹی منڈیر پر جھکا اپنے آپ سے باتیں کئے جا رہا تھا، 
٭٭٭






سمندر مجھے بلاتا ہے


مرشد نے دونوں ہاتھ اٹھائے اور دعا مانگی۔۔۔  ’’اے خدا! مجھے احدیت کے سمندر کی گہرائیوں میں داخل کر۔‘‘
اس نے تاسّف سے سر ہلایا۔۔۔  ’’لیکن میں تو ابھی دنیا کے سمندر میں بھی نہیں اتر سکا۔‘‘
مرشد مسکرایا۔۔۔  ’’دنیا بھی تو وہی ہے۔‘‘
اس نے پوچھا۔۔۔  ’’اگر دنیا بھی وہی ہے تو میں الگ کیوں ہوں ؟‘‘
مرشد پھر مسکرایا۔۔۔  ’’تم الگ کہا ں ہو، سمندر تمہارے اندر بھی ہے اور باہر بھی۔‘‘
اس نے اپنے آپ کو ٹٹولا۔۔۔  ’’لیکن میرے اندر تو خلا ہے اور باہر ایک سناٹا۔‘‘
مرشد نے سر ہلایا۔۔۔  ’’یہ سب اس کی ادائیں ہیں۔‘‘
اس نے پوچھا۔۔۔  ’’کیسی ادائیں۔۔۔  یہ ادا ہے تو جفا کیا ہے؟‘‘
مرشد نے کہا۔۔۔  ’’میں تمہیں ایک قصہ سناتا ہوں ، ایک مرید نے اپنے شیخ سے کہا، اے شیخ میں اسے دیکھنا چاہتا ہوں ، جو سچ ہی سچ ہے۔‘‘
شیخ نے ایک لمحہ تردّد کیا پھر بولے۔۔۔  ’’تو جاؤ، وہ جو بلند پہاڑ ہے وہ تمہیں اس کی چوٹی پر ملے گا۔‘‘ مرید کئی مسافتوں کی صعوبتیں سہتا چوٹی پر پہنچا تو دیکھا کچھ لوگ وضو کر رہے ہیں۔ وہ بھی ان میں شامل ہو گیا۔ وضو کر کے لوگ کسی کا انتظار کرنے لگے۔ 
اس نے پوچھا۔۔۔  ’’اے لوگو! تم کس کے منتظر ہو؟‘‘۔۔۔  وہ بولے۔۔۔  ’’اس کے جو سچ ہی سچ ہے، وہی یہاں امامت کراتا ہے۔‘‘
اتنے میں ایک شخص دائیں جانب سے نمودار ہوا۔ لوگ صفیں سیدھی کرنے لگے۔ آنے والا امام کی جگہ کھڑا ہو گیا۔ مرید نے بڑی کوشش کی کہ اسے دیکھے لیکن صفیں سیدھی ہو گئی تھیں اور وہ آخری صف میں تھا۔ نماز پڑھا کر جونہی امام سیدھا ہوا تو مرید نے دیکھا وہ تو شیخ ہیں۔ وہ دوڑ کر ان کے قریب گیا اور کہا۔۔۔  ’’شیخ! اگر یہ آپ ہیں تو میرا سفر کس لیے؟‘‘
شیخ مسکرائے۔۔۔  ’’بغیر جستجو کے سچ بھی سچ نہیں رہتا۔‘‘
وہ سوچ میں پڑ گیا۔ 
مرشد نے پوچھا، ’’کیا سوچ رہے ہو؟‘‘
اس نے کہا۔۔۔  ’’معلوم نہیں تماشا کیا ہے اور سچ کیا ہے؟‘‘
مرشد ہنسا پھر اس نے اپنا دایاں ہاتھ پانی میں ڈال کر ایک زندہ مچھلی نکالی، پھر بایاں ہاتھ جلتے ہوئے تنور میں ڈال کر اس میں سے بھی زندہ مچھلی نکالی اور کہنے لگا۔۔۔  ’’پانی میں سے تو ہر کوئی زندہ مچھلی نکال سکتا ہے، آگ سے زندہ مچھلی نکالنا اصل کام ہے۔‘‘
اس نے کندھے اچکائے۔۔۔  ’’لیکن میں کیا کروں ، میرے لیے تو پانی اور آگ میں کوئی فرق نہیں کہ سمندر میرے اندر بھی ہے اور باہر بھی۔‘‘
مرشد نے سر ہلایا۔۔۔  ’’سمندر تو آگ بھی ہے اور پانی بھی، بس انا الخیر اور انا الحق کا فرق ہی سارا تماشا ہے  اور سارے راستے فنا کی طرف جاتے ہیں۔‘‘
اس نے پوچھا۔۔۔  ’’فنا کیا ہے؟‘‘
مرشد کے ہونٹوں پر معنی خیز مسکراہٹ ابھری۔۔۔  ’’فنا جاننا ہے اور جاننے کے سارے راستوں میں لوگ کھڑے ہیں۔‘‘
اس نے انگلیوں پر گنا۔۔۔  ’’بیس تو ہو ہی جائیں گے۔‘‘
’’تمہارا دماغ تو ٹھیک ہے۔۔۔ ‘‘ بیوی نے غصہ سے کہا۔۔۔  ’’آخری تاریخوں میں بیس آدمیوں کی چائے کا بندوبست کیسے ہو گا۔‘‘
’’لیکن‘‘
’’لیکن کیا، اب یہ چونچلے چھوڑو۔۔۔  دودھ سات روپے اور چینی دس روپے کلو ہو گئی ہے، آخر اس کی ضرورت کیا ہے۔‘‘
وہ ایک لمحہ چپ رہا پھر بولا۔۔۔  ’’ضرورت تو ہے، بڑا صاحب نیا نیا آیا ہے، اسی بہانے پی آر ہو جائے گی۔ نوکری کرنا ہے تو سب کچھ کرنا ہی پڑتا ہے۔‘‘
اور اسے خیال آیا، اسی بہانے سٹینو سے ملاقات کی صورت بھی نکل آئے گی۔۔۔  
’’آؤ گی نا۔۔۔ ‘‘
’’آ بھی جاؤں تو کیا۔۔۔  تمہارے اردگرد تمہارے بیوی بچے ہوں گے، میں آؤں بھی تو کس کے لیے۔۔۔  اندر ہی اندر سلگنے کے لیے؟‘‘
مرشد کھلکھلا کر ہنسا۔۔۔  ’’اندر ہی اندر سلگنے کا اپنا ہی ایک مزہ ہے۔‘‘ 
’’لیکن جب کوئی امید ہی نہ ہو؟‘‘
مرشد نے اسے گھورا۔۔۔  ’’امید اندھیرے میں کھویا ہوا راستہ ہے۔‘‘
’’لیکن صبح کب ہو گی؟‘‘ وہ بڑبڑایا۔ 
’’ابو! آپ ہمیشہ دیر کر دیتے ہیں ، میڈم کہتی ہیں اگر کل سے وقت پر نہ آئے تو کلاس میں نہیں بیٹھنے دوں گی۔‘‘
بیوی نے ناشتہ لگاتے ہوئے بھنویں سکیڑیں۔۔۔  ’’رات کو جلد سوئیں تو صبح وقت پر آنکھ کھلے نا۔۔۔  پتہ نہیں کیا کرتے رہتے ہیں ، کبھی ایک کمرے میں جاتے ہیں ، کبھی دوسرے میں ، خدا جانے کیا بے چینی ہے؟‘‘
’’بے چینی روح کی طلب ہے۔‘‘ اس نے اپنے آپ سے کہا،’’اور جانے میں کسے ڈھونڈتا ہوں ، مجھے تو یہ بھی معلوم نہیں وہ ہے کہاں ؟‘‘
’’کہیں بھی نہیں اور ہر جگہ۔‘‘ مرشد نے آہستہ سے کہا۔۔۔  ’’بس اپنی عینک کے نمبر ٹھیک کر لو۔‘‘
سٹینو نوٹس لے کر جانے لگی تو اس نے کہا۔۔۔  ’’آج مجھے عینک بدلوانا ہے، شام کو ملو تو کہیں بیٹھ کر چائے پی لیں۔‘‘
وہ ایک لمحہ چپ رہی، کچھ سوچا، پھر شانے اچکائے۔۔۔  ’’ٹھیک ہے۔‘‘
خوشی بے فکرے پرندے کی طرح اس کے وجود کے آسمان پر لمبی نیلی لکیر بناتی کہیں خلا میں کھو گئی۔ 
’’اسے پا بھی لیا تو کیا، نہ پا یا تو کیا۔۔۔  شاید زندگی پانے ہی کے راستوں میں کہیں کوئی چھوٹا سا وقفہ ہے۔ اس وقفہ سے جلدی سے گزر جانا ہی اچھا ہے۔‘‘
’’لیکن اتنی مایوسی بھی کیوں ؟ ’’وہ پیالی میں چمچ ہلاتے ہوئے اسے مسلسل دیکھے گئی۔ 
’’یہ بھی کیا ملنا؟‘‘اس نے ٹھنڈی آہ بھری۔۔۔  ’’تھوڑی سی خوشی، پھر وہی گھر۔۔۔  وہی۔۔۔ ؟‘‘
’’تم اتنے بیزار کیوں ہو۔ وہاں تمہاری بیوی ہے بچے ہیں۔‘‘
’’یہ تم کیا کہہ رہی ہو؟‘‘
’’کبھی کبھی سوچتی ہوں ، یہ راستے بھی کتنے عجیب ہیں ، کہاں کہاں سے گھوم کر پھر ایک دوسرے میں جا چھپتے ہیں۔‘‘
’’تمہارے رشتے کی کیا بات ہوئی؟‘‘
’’چل رہی ہے۔‘‘
’’پھر تو۔۔۔  تم مجھ سے نہیں ملو گی۔‘‘
’’کتنا عجیب ہے، ایک ایسی عورت جسے تم نہیں چاہتے اور ایک ایسا مرد جسے میں نہیں جانتی۔۔۔  لیکن ہم ایک دوسرے کو اپنی جھوٹی محبتوں کا یقین دلاتے رہیں گے۔‘‘
’’زندگی ایک جھوٹ ہی ہے، جس کا یقین دلاتے دلاتے عمر بیت جاتی ہے۔‘‘
وہ خاموشی سے چائے پیتی رہی، پھر بولی۔۔۔  ’’اب کوئی بھی ملاقات آخری ہو سکتی ہے، شاید یہی۔‘‘
اس نے سر اٹھایا۔ 
وہ ناخن سے پرچ کریدتے ہوئے بولی۔۔۔  ’’کیا معلوم وہ مجھے نوکری بھی کرنے دیتے ہیں یا۔۔۔ ‘‘
دونوں چپ چاپ ایک دوسرے کو دیکھتے رہے۔ 
دفعتاً وہ کھلکھلا کر ہنس پڑا۔۔۔  ’’یہ تو آخر ایک دن ہونا ہی ہے۔‘‘
اس کی آنکھوں میں آنسو جھلملانے لگے۔۔۔  ’’تم کتنی بے رحمی سے یہ بات کہہ رہے ہو‘‘۔۔۔  پھر ایک لمحہ چپ رہی، ’’لیکن تم ٹھیک ہی کہتے ہو، یہ تو ایک دن ہونا ہی ہے۔‘‘
کچھ دیر خاموشی رہی، پھر وہ بولی۔۔۔  ’’بیٹی کا اب کیا حال ہے؟‘‘
’’بخار تو اُتر گیا ہے۔۔۔  ارے یاد آیا، مجھے اس کے لیے دوا لینی ہے۔‘‘
بیوی نے دوا لیتے ہوئے اس کی طرف گہری نظروں سے دیکھا۔۔۔  ’’کیا بات ہے، آج کل تم بہت الجھے الجھے ہو۔‘‘
اس نے شانے اچکائے۔۔۔  ’’دھند میں راستہ نہیں مل رہا۔‘‘
مرشد مسکرایا۔۔۔  دھند اور روشنی اسی کے روپ ہیں اور راستہ گم ہو جائے تو نہ روشنی روشنی ہے نہ دھند دھند۔‘‘
’’لیکن میرے پاس تو اب کچھ بھی نہیں رہا۔۔۔  وہ بھی نوکری چھوڑ کر چلی گئی ہے۔‘‘
مرشد نے اس کے شانے کو تھپتھپایا۔۔۔  ’’جب اپنے پاس کچھ نہیں ہوتا تو ساری چیزیں دور بھاگتی ہیں۔ جتنا کہ ان کی طرف لپکو اور دور ہوتی جاتی ہیں۔ یہی تو اسے جاننے کا مرحلہ ہے۔‘‘
’’جان بھی گیا تو کیا کروں گا۔‘‘ اس نے تاسّف سے سر ہلایا۔۔۔  ’’میرا تو اپنا آپ بھی میرے لیے اجنبی ہوتا جا رہا ہے۔‘‘
مرشد کے ہونٹوں پر ایک عجب مسکراہٹ ابھری۔۔۔  ’’ا پنے آپ سے اجنبی ہونا، سفر کا آغاز ہے۔ مبارک ہو تمہارا سفر شروع ہوا۔‘‘
پھر اس نے دونوں ہاتھ اٹھائے۔۔۔  ’’اے خدا! مجھے احدیت کے سمندر کی گہرائیوں میں داخل کر۔‘‘
اس نے کچھ کہنا چاہا، لیکن کہہ نہ سکا۔ اسے ایسا لگا جیسے سمندر اس کے اندر بھی ٹھاٹھیں مار رہا ہے اور باہر بھی۔۔۔ 
اور وہ تن تنہا اس کے وسعتوں میں بہتا ہی چلا جا رہا ہے۔۔۔  


(۲)

مرشد نے سسکاری بھری اور کہا۔۔۔  ’’میں جب قبرستان میں داخل ہوتا ہوں تو مجھ پر ایک عجب مسرت انگیز کپکپی طاری ہو جاتی ہے۔‘‘
اس نے پوچھا۔۔۔  ’’کیسے؟‘‘
مرشد نے کہا۔۔۔  ’’مردے مجھے خوش آمدید کہتے اور جلد لوٹنے کی بشارت دیتے ہیں۔‘‘
اس نے کہا۔۔۔  ’’لیکن مجھے تو نہ کچھ دکھائی دیتا ہے نہ سنائی۔۔۔  میں تو سمندر میں بھی اترا تھا، لیکن اس نے مجھے کنارے پر اُچھال دیا۔‘‘
مرشد ہنسا۔۔۔  ’’سمندر غیر کو اپنے اندر نہیں سموتا، تم غیر بن کر گئے تھے۔‘‘
اس نے پوچھا۔۔۔  ’’اپنا کیسے بنا جا سکتا ہے؟‘‘
مرشد کے تبسّم میں ایک ٹھہراؤ آیا۔۔۔  ’’کنارے کی خواہش دل سے نکال دو اور اس کی آواز سنو۔‘‘ 
’’لیکن کیسے؟‘‘ اس نے مایوسی سے سر ہلایا۔۔۔  ’’کچھ سنائی دے بھی تو۔‘‘
’’دیکھنے اور سننے کے لیے حوصلہ چاہئے اور حوصلہ قدم قدم ریاضت کی دھول ہے۔ تم نے ابھی یہ سفر شروع ہی نہیں کیا۔‘‘
اس نے پوچھا۔۔۔  ’’سفر کیسے شروع ہو گا؟‘‘
مرشد نے لمحہ بھر توقّف کیا، پھر بولا۔۔۔  ’’سفر شروع نہیں کیا جاتا، بس ہو جاتا ہے، ایک مرشد کی ضرورت ہے جو سفارش کرے۔‘‘
اس نے کندھے جھٹکے۔۔۔  ’’فی الحال تو میرا معاملہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن (Establishment Div. ) میں اٹکا ہوا ہے، سنیارٹی ٹھیک ہو جائے تو پروموشن بھی۔۔۔  چار پانچ سو کا ایک دم فائدہ۔‘‘
مرشد نے نفی میں سر ہلایا۔۔۔  ’’وہاں میرا کوئی جاننے والا نہیں اور یہ تو دنیاوی معاملہ ہے، میں تمہیں صرف مسرت انگیز کپکپی سے روشناس کرا سکتا ہوں۔‘‘
اس نے سر ہلایا۔۔۔  ’’پہلے جی تولوں ، پھر لوٹنے کی بات بھی کر لوں گا۔‘‘
’’تم کبھی لوٹنے کی بات نہیں کر سکو گے۔‘‘ مرشد نے تاسّف کیا۔۔۔  ’’تم بہتے دریا میں ایک کمزور تنکا ہو۔‘‘
اس نے کہا۔۔۔  ’’دریا کی یہ حالت ہو تو تنکا کر بھی کیا سکتا ہے۔‘‘
مرشد نے سر ہلایا۔۔۔  ’’ٹھیک کہتے ہو، جب زوال ایک منہ زور سیلاب کی شکل اختیار کر جائے تو اسے چھوٹے چھوٹے پتھروں سے نہیں روکا جا سکتا، اس کے لیے ایک بڑی فکر اور بڑی دانش کی ضرورت ہوتی ہے اور ہم تو اب ایک فکری خلا میں ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔‘‘
’’فکر و دانش کو کیا ہوا؟‘‘
’’فکر و دانش کو تو کچھ نہیں ہوا، ہم ہی Immuneہو گئے ہیں۔‘‘
اس نے کہا۔۔۔  ’’تو پھر ہم یہ مکالمہ کس لیے کر رہے ہیں ؟‘‘
مر شد مسکرایا۔۔۔  ’’پھسلتی ڈھلوان پر اپنے قدموں کے جمے ہونے کے احساس کو برقرار رکھنے کے لیے۔۔۔  لیکن پھسلتی ڈھلوان اور اس کے نیچے اندھی کھائی نہ کچھ سنتی ہے نہ دیکھتی ہے اور ہم لمحہ لمحہ اس میں گر رہے ہیں ، یہی ہمارے عہد کا مقدر ہے۔‘‘
وہ چند لمحے چپ رہا پھر بولا۔۔۔  ’’لیکن میں گرنے سے پہلے ڈھلوان کے منظروں کو دیکھنا چاہتا ہوں ، دنیا کو اسی کے حوالہ سے سمجھنا چاہتا ہوں۔‘‘
’’تم دنیا کو سمجھنے لگو تو مجھے اور کیا چاہئے۔‘‘بیوی نے ہونٹ سکوڑے۔۔۔  ’’تمہاری پوسٹ والوں نے دو دو کوٹھیاں بنا لی ہیں اور تم ابھی تک کرائے کے مکان میں پڑے ہو۔‘‘
اس نے شانے سکوڑے۔۔۔  ’’کیا فرق پڑتا ہے، جنہوں نے کوٹھیاں بنا لیں اور جو کرائے کے مکان میں ہیں ، زندگی تو سبھی کی گزر رہی ہے۔‘‘
بیوی نے غصہ سے سر ہلایا۔۔۔  ’’ایسی درویشی ہے تو کرائے کا مکان بھی کس لیے، فٹ پاتھ ہی کافی ہے، آخر وہاں بھی تو لوگ رہتے ہی ہیں۔‘‘
اس نے ٹھنڈی آہ بھری۔۔۔  ’’کیا کروں ایسا درویش بھی نہیں ، کاش کسی ایک طرف تو ہو جاتا۔۔۔  آدھا دل ایک طرف اور آدھا دوسری طرف، بس یہ دل کا معاملہ ہی تو عجیب ہے۔‘‘
بیوی چند لمحے گھورتی رہی پھر دفعتاً بولی۔۔۔  ’’تمہاری سٹینو ملی تھی۔‘‘
’’کہاں۔۔۔  کیسی تھی؟‘‘ اس نے بے تابی سے پوچھا۔ 
’’تمہیں اتنی دلچسپی کیوں ہے؟‘‘
اس نے بیوی کو غور سے دیکھا، ایک لمحہ کے لیے محسوس ہوا جیسے وہ سب کچھ جانتی ہے۔ 
’’ابو! انہوں نے مجھے اور بھائی کو ٹافیوں کا پیکٹ بھی لے کر دیا تھا۔‘‘
’’اچھا۔۔۔  لیکن وہ تم لوگوں کو ملی کہاں ؟‘‘
’’مارکیٹ میں۔۔۔  اپنے میاں کے ساتھ۔‘‘
’’کیسا ہے؟‘‘ اس نے ڈرتے ڈرتے پوچھا۔ 
’’بڑی خوبصورت جوڑی ہے۔‘‘ بیوی کی نظریں اس پر مسلسل جمی ہوئی تھیں ، پھر اس نے ٹھنڈی آہ بھری۔۔۔  ’’کبھی تم بھی اسی طرح مجھے ساتھ لے جاتے تھے، کیا زمانہ تھا۔‘‘
’’ابو! انکل تو بہت اچھے تھے، بڑے خوبصورت۔ ہے نا امی۔‘‘ بیٹی ٹافیوں کا پیکٹ دکھاتے ہوئے بولی۔ 
ایسے لگا جیسے کوئی سیاہ چیز تیزی سے اس کے سارے چہرے پر پھسلتی چلی جا رہی ہے۔ 
’’کیا سوچ رہے ہو؟‘‘ بیوی کی آواز میں بڑی گہرائی تھی۔ اس نے غور سے اس کا چہرہ پڑھنے کی کوشش کی لیکن سارے لفظ گڈمڈ تھے، کچھ سمجھ نہ آیا۔ 
شاید وہ سب کچھ جانتی ہے، یا شاید کچھ بھی نہیں۔۔۔  خدا جانے !
اس نے تذبذب میں سر ہلایا اور اپنے اندر گھنے جنگل میں اتر گیا۔ گھنے درختوں کی ہری خوشبو چاروں طرف پھیل گئی۔ اس کا بدن ہریالی کے ذائقہ سے یکدم جاگ اٹھا، ایک لمبی سانس۔۔۔  ’’تنہائی بھی کیا چیز ہے، آدمی چاہے تو بھرے مجمعے میں تنہا ہو جائے، ساری آوازیں یکدم سکوت میں بدل جاتی ہیں۔ پاس ہی سے ایک پرندہ پھڑپھڑا کر نکلا اور دل آنگن میں ناچنے لگا۔ مُرلی کی تان چاروں طرف بکھر گئی۔ 
وہ تانوں کی لہروں پر قدم رکھتی آہستگی سے قریب آئی۔ 
’’تو تم خوش ہو؟‘‘ اس نے آنسوؤں بھری آواز میں پوچھا۔
’’تمہیں میری خوشی پسند نہیں۔‘‘ اس کا چہرہ بھی آنسوؤں میں ڈوبا ہوا تھا۔ 
’’تمہاری خوشی‘‘۔۔۔  وہ بڑبڑایا۔۔۔  ’’میں کتنا کمینہ ہوں ، تمہاری خوشی سے بھی جلتا ہوں۔‘‘
اور اسے لگا کہ سارا کچھ ایک دم بھڑکتی آگ میں تبدیل ہو گیا ہے، وہ دونوں آگ کی موسیقی پر ناچ رہے ہیں اور شعلوں کی لپکتی زبانیں ان کے چاروں طرف دھمال ڈال رہی ہیں۔
یکدم رقص تھم گیا، گہری خاموشی چھا گئی۔۔۔  موت ایسی خاموشی۔ 
اس نے گھبرا کر سر جھٹکا۔۔۔  ’’کیا ہوا ؟‘‘
’’میں تو بول بول کے بھی تھک گئی۔‘‘ بیوی نے بے زاری سے کہا۔۔۔  ’’اب تو تم نے ہوں ہاں کرنا بھی بند کر دیا ہے۔‘‘
چند لمحے وہ چپ رہی پھر بولی۔۔۔  ’’سمجھ نہیں آتا تمہیں ہوا کیا ہے۔۔۔  کبھی تم۔۔۔ ‘‘ اس کاگلا رندھ گیا۔۔۔  ’’اب تو آنکھ اٹھا کر بھی نہیں دیکھتے۔‘‘
اسے اپنا آپ اجنبی سا لگا۔۔۔  ٹھاٹھیں مارتا سمندر یکدم دور چلا گیا، مرشد کی آواز دھیمی پڑ گئی۔۔۔  اس نے سر اٹھا کر غور سے بیوی اور پھر بچوں کو دیکھا۔۔۔  ’’واقعی مجھے کیا ہو گیا ہے۔۔۔  میں کس راستہ پر آ نکلا ہوں۔‘‘
چاروں طرف ایک گہری دھند سی ہے، جس میں اس کا اپنا آپ بھی سائے کی طرح لگ رہا ہے۔۔۔  پھسلتی ڈھلوان پر اکھڑے قدموں کا تکلیف دہ احساس، وہ کسے آوازیں دے رہا ہے، سمندر تو اس کے اندر ہے، وہ باہر کسے تلاش کر رہا ہے۔۔۔  
چاروں طرف دھند ہی دھند ہے۔ 
کچھ دکھائی نہیں دیتا۔ 
بس دور کہیں وہ ایک لمحہ ہے، پھسلتی ڈھلوان پر قدم جمانے کا خوشگوار احساس، زوال کے منہ زور سیلاب کے سامنے ایک چھوٹا سا پتھر۔۔۔  
’’یہ کیسا راستہ ہے۔۔۔  راستہ ہے بھی کہ نہیں۔‘‘
ایک گہری دھند۔۔۔ 
’’کیا سوچ رہے رہو؟‘‘ بیوی کی آواز دور سے کہیں آتی ہوئی محسوس ہوئی۔ 
دھند کے اندر جھانکنے کی کوشش 
اور دھند۔۔۔  اور دھند 
چند لمحے یہی کیفیت رہی، پھر اس نے آہستہ سے اپنا ہاتھ بیوی کے کندھے پر رکھا اور بولا۔۔۔  ’’کچھ بھی نہیں ، بس ایک دو اہم فائلیں پینڈنگ (Pending) ہیں ، ان ہی میں الجھا ہوا ہوں۔‘‘
بیوی نے یقین اور بے یقینی کی ملی جلی کیفیت میں اس کی طرف دیکھا۔ 
۔۔۔  ’’بچے آج کل آپ کو بہت مِس کر رہے ہیں ، آج انہیں ایوب پارک لے جائیں نا۔‘‘
اس نے لمحہ بھر سوچا۔۔۔  دھند میں آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر دیکھنے کی ایک آخری سعی کی، کچھ دکھائی نہ دیا تو چند لمحے چپ رہنے کے بعد بولا۔۔۔  ’’ٹھیک ہے۔‘‘
بچوں نے بیک وقت ایک مسرت انگیز کلکاری ماری۔ 
مرشد کھلکھلا کر ہنس پڑا۔۔۔  ’’یہی مسرت انگیز کپکپی وہ چھپا ہوا لمحہ ہے جسے تلاش کرتے عمریں بیت جاتی ہیں۔‘‘
اور اسے لگا جیسے اس مسرت انگیز کلکاری نے چاروں طرف پھیلی دھند میں دراڑ سی ڈال دی ہے، ایک چھوٹا دروازہ کھول دیا ہے، تازہ ہوا اور خوشبو دار روشنی کا چھوٹا سا دروازہ۔۔۔  جس سے آگے چند ہی قدموں پر سمندر ٹھاٹھیں مار رہا ہے۔ 

(۳)

اس نے ایک لمحہ توقّف کیا۔ پھر بولا، ’’یہ کہانی بہت الجھی ہوئی ہے، اس لیے اسے کسی ترتیب سے سنانا ممکن نہیں۔‘‘
مرشد مسکرایا۔۔۔  ’’زندگی تو خود ایک بے ترتیب کہانی ہے۔ ہم سارا وقت اسے ترتیب دینے میں گزار دیتے ہیں اور تم نے سنا نہیں ، جب چیزوں میں ضرورت سے زیادہ ترتیب پیدا ہو جائے تو وہ ٹوٹ جاتی ہیں۔‘‘
اس نے پوچھا۔۔۔  ’’تو پھر میں کہانی کہاں سے شروع کروں ؟‘‘
مرشد ہنسا۔۔۔  ’’کہانی تو شروع ہے۔ میں اور تم اس کے چھوٹے چھوٹے کردار ہیں۔ جو اپنی مرضی سے نہ شروع کر سکتے ہیں ، نہ ختم۔‘‘
اس نے کہا۔۔۔  ’’اگر ہم اتنے بے بس ہیں تو پھر کیسی کہانی اور کیسے کردار؟‘‘
مرشد نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا اور بولا۔۔۔  ’’آؤ میں تمہیں اس کہانی کے شہر میں لے چلوں۔‘‘
وہ شہر میں داخل ہوئے تو مرشد یک دم کہیں غائب ہو گیا۔ 
شہر اس کے سامنے تھا اور وہ اکیلا، 
سامنے ایک کھلا میدان تھا۔ وہ آہستہ آہستہ میدان کے قریب پہنچا۔ دیکھا کہ میدان کے درمیان میں ایک صلیب گڑی ہے جس پر کوئی ٹنگا ہوا ہے، وہ گھبرا کر تیز تیز چلتا قریب پہنچا۔ صلیب پر ٹنگے نے اس کی چاپ سن کر آنکھیں کھولیں اور مسکرا کر بولا۔۔۔  ’’تم بھی پتھر مارنے آئے ہو۔‘‘
اس نے گھبرا کر دونوں ہاتھ آگے کیے، ’’میرے تو ہاتھ ہی خالی ہیں اور پھر میں کیوں پتھر ماروں گا۔‘‘
صلیب والا ہنسا۔۔۔  ’’یہاں پتھر مارنے کے لیے کسی وجہ کا ہونا ضروری نہیں ، ایک کو دیکھ کر دوسرا بھی شروع ہو جاتا ہے۔‘‘
اس نے اِدھر اُدھر دیکھا۔۔۔  ’’لیکن یہاں تو کوئی نہیں ، لوگ کدھر چلے گئے۔‘‘
صلیب والا ایک لمحہ چپ رہا پھر بولا، ’’وہ سارے واش بیسنوں کے سامنے کھڑے اپنے ہاتھ دھو رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ اس فیصلہ میں ان کا ہاتھ نہیں۔‘‘
اس نے پوچھا، ’’کس فیصلہ میں ؟‘‘
’’مجھے مصلوب کرنے کا فیصلہ۔۔۔ ‘‘
’’ان کا ہاتھ نہیں تو پھر یہ فیصلہ کس نے کیا ہے؟‘‘
’’انہوں نے ہی، لیکن اپنی مرضی سے نہیں ، بس ایک دوسرے کو دیکھ کر انہوں نے اپنے ہاتھ کھڑے کئے تھے۔ یہاں یہی ہوتا ہے، یہاں کسی کو معلوم نہیں وہ کیا کر رہا ہے۔ بس جو دوسرے کر رہے ہیں وہ بھی وہی کرتا ہے۔‘‘
پھر اس نے آسمان کی طرف نظریں کیں۔۔۔  ’’اے خدا! ان کے کھیتوں میں فصلیں سر سبز اور لہلہاتی رہیں ، ان کے دریاؤں میں پانی موجیں مارے اور۔۔۔ ‘‘
وہ دعا کے باقی لفظ سنے بغیر ہی وہاں سے بھاگ نکلا اور دوڑتا ہوا سڑک پر آگیا۔ لوگ ہر کام کرنے سے پہلے دوسرے کی طرف دیکھتے ہیں۔ 
اسے لگا، وہ سارے کسی پُر اسرار شے کی گرفت میں ہیں۔ 
کیا یہ جادو کا شہر ہے؟ 
اور یہ سارے لوگ، لوگ ہیں بھی یا جادو کے پتلے ہیں۔ 
اگر یہ سارا کچھ جادو ہے تو سامری کہاں ہے؟ 
اس نے اپنے آپ کو ٹٹولا۔۔۔  یہ خواب تو نہیں۔ 
اگر خواب ہے تو کتنا طویل اور اُکتا دینے والا کہ ختم ہونے میں ہی نہیں آتا، 
یہاں ہر شخص نے استری کیا ہوا لباس پہنا ہوا ہے، لیکن اندر شکنیں ہی شکنیں۔ وہ آہستہ آہستہ بڑے چوک میں ایستادہ مجسمہ کے سامنے پہنچ گیا۔ مجسمہ جگہ جگہ سے تڑخا ہوا تھا اور اب اس کا ہیولا ہی باقی رہ گیا تھا۔ 
وہ دیر تک اس ہیولے کے سامنے کھڑا رہا۔ پھر اس نے پاس سے گزرتے ایک شخص سے پوچھا، ’’یہ مجسمہ کب ٹوٹا تھا؟‘‘ اس شخص نے کچھ سوچا۔۔۔  ’’یاد نہیں ، مدت سے یونہی ہے۔‘‘
اس نے پھر سوچا، ’’لیکن یہ تو تمہارا ہیرو تھا۔‘‘
’’شاید، ہاں۔۔۔  لیکن ہمارا عہد بغیر ہیرو کا عہد ہے۔‘‘
 ’’بغیر ہیرو کا عہد۔۔۔ ‘‘
’’ہاں ہمارا ہیرو مدت ہوئی مر چکا۔ ہم نے اسے مار دیا۔ اب نئے ہیرو کے جنم لینے کا انتظار کر رہے ہیں۔‘‘
’’لیکن وہ کب جنم لے گا؟‘‘
’’کون جانے۔۔۔  جنم لے گا بھی کہ نہیں۔‘‘ اس نے کندھے اچکائے اور آگے بڑھ گیا۔ 
وہ وہیں ہیولے کے قدموں میں بیٹھ گیا۔ 
عجیب شہر ہے۔۔۔  ہر چیز کو اوپر سے چمکایا جا رہا ہے اور اندر سے وہ تڑختی چلی جا رہی ہے۔
یہاں ہر شخص کا اپنا ایک جہنم ہے، جس کا انتخاب اس نے خود کیا ہے۔ 
مرشد نے ہیولے کے پیچھے سے سر نکالا۔۔۔  ’’یہ بیماروں کا شہر ہے لیکن ہر شخص خود کو تندرست سمجھتا ہے۔‘‘
اس نے مرشد کا ہاتھ پکڑ لیا۔۔۔  ’’اس شہرِ بے وفا میں مجھے اکیلا نہ چھوڑو۔‘‘
مرشد نے اس کا کندھا تھپتھپایا۔۔۔  ’’میں تمہارے ساتھ تھا۔ ہر لمحہ۔‘‘ 
اس نے کہا۔۔۔  ’’لیکن تم مجھے دکھائی کیوں نہیں دئیے؟‘‘
مرشد ہنسا۔۔۔  ’’یہی تو اس شہر کی خصوصیت ہے، یہاں کسی کو اپنا آپ دکھائی نہیں دیتا، سارے دوسروں کو دیکھتے ہیں !‘‘
اس نے کہا۔۔۔  ’’تو پھر میں اس شہر سے نکلتا ہوں۔‘‘
مرشد نے نفی سے سر ہلایا۔۔۔  ’’اس شہر سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں۔‘‘
’’کوئی راستہ نہیں۔۔۔ ‘‘ وہ خوف زدہ آواز میں بولا۔ 
مرشد لمحہ بھر چپ رہا۔ پھر بولا۔۔۔  ’’صرف ایک راستہ ہے۔‘‘
’’وہ کیا؟‘‘
وہ جو صلیب پر ٹنگا ہے، اسے صلیب سے اتار دیا جائے اور اس کی جگہ کسی دوسرے کو مصلوب کیا جائے۔‘‘
’’لیکن کسے؟‘‘
’’جو شہر سے نکلنا چاہتا ہے۔‘‘
’’یعنی۔۔۔ ‘‘ اس نے خوف سے اپنے جسم پر ہاتھ پھیرا، ’’لیکن میں مصلوب نہیں ہونا چاہتا۔‘‘
مرشد نے اس کا کندھا دبایا، ’’تو پھر جو کر رہے ہو، اسے کرتے رہو۔‘‘
اس نے ایک لمبی سانس لی اور قلم اٹھایا۔ سیکشن آفیسر نے فائل آگے کھسکاتے ہوئے کہا، ’’سر سیکرٹری صاحب دو بار فون کر چکے ہیں۔ میں نے ان کی مرضی کے مطابق نوٹ بنا دیا ہے۔‘‘
اس نے سر ہلایا اور نوٹ کے نیچے دستخط کر دئیے، ’’ٹھیک ہے، یہ فائل ابھی ان کے پاس بھیج دو۔‘‘
پھر فوراً ہی اسے کوئی خیال آیا، ’’نہیں ٹھہرو، میں خود ہی لے جاتا ہوں۔ آج صبح سے انہیں سلام کرنے بھی نہیں جا سکا۔‘‘

(۴)

اس نے آنسوؤں سے تر آنکھیں اوپر اٹھائیں اور بولا۔۔۔  ’’بس وہ ایک نفسِ مطمئنہ ہے نا، وہ نہیں۔‘‘
مرشد نے سر ہلایا۔۔۔  ’’رسّے پر ڈولنے والوں کو نفسِ مطمئنہ نہیں ملتا۔‘‘
اس نے حیرت سے پوچھا۔۔۔  ’’رسے پر ڈولنے والے!‘‘
’’ہاں ‘‘ مرشد مسکرایا۔۔۔  ’’جب دنیا داری کا سلیقہ نہ ہو اور درویشی کا ظرف نہ ہو تو آدمی رسے پر ہی ڈولتا رہتا ہے۔‘‘
’’شاید تم ٹھیک کہتے ہو۔‘‘ 
’’بس کسی ایک طرف ہو جاؤ، درمیان میں لٹکتے رہے تو زندگی ایک عذاب بن جائے گی۔‘‘
وہ کچھ دیر سوچتا رہا، پھر بولا۔۔۔  ’’لیکن کسی ایک طرف ہو جانا بھی تو میرے بس میں نہیں ، میں تو اس کشمکش میں کرچی کرچی ہو گیا ہوں۔‘‘
مرشد کچھ نہیں بولا۔ 
’’رسے کے ایک طرف کھلکھلاتی دنیا ہے اور دوسری طرف سرمئی دھند۔۔۔  
میں اس دھند میں اترنا چاہتا ہوں ، لیکن رسے کا دوسرا سرا نہیں چھوڑتا اور میں شاید اسے چھوڑنا چاہتا بھی نہیں ، میرے بچے اپنے معصوم ہاتھوں سے مجھے گدگداتے ہیں۔ ان کی انگلیوں کا لمس۔۔۔  لیکن دور کہیں وہ سرمئی سی دھند، اس کی تہہ میں اترنے والا راستہ کہاں جاتا ہے۔ وہ کون ہے؟ جو کبھی کبھی ایک جھلک دکھلا کر پکارتا ہے؟ میں اپنے نام کی پکار سنتا ہوں تو بے اختیار قدم ادھر اٹھنے لگتے ہیں ، لیکن رسے کا توازن، ایک بے چینی، مجھے نفسِ مطمئنہ کب ملے گا؟‘‘
مرشد مسکرایا۔۔۔  ’’نفسِ مطمئنہ بھی بس ایک تصور ہی ہے جو ہاتھ آتا ہے لیکن پھر بھی نہیں آتا۔‘‘
ایک طرف کھلکھلاتی دنیا ہے، لذتیں اور محرومیاں ، ساتھ ساتھ! بیوی کہتی ہے، ابھی تک مکان نہیں بن سکا۔ ملازمت میں ترقی نہیں ہوئی۔ بچے سکوٹر پر ریڑھے کی طرح لَد کر سکول جانے کی بجائے اب کار میں جانا چاہتے ہیں ، میں بھی یہی سب کچھ چاہتا ہوں لیکن کر نہیں سکتا۔ 
دفتروں میں رشوت دے کر خوشامد کر کے کام کروانا چاہتا ہوں لیکن طریقہ نہیں آتا، دفتر میں عام ساتھیوں سے لے کر سربراہ تک ہر ایک کو خوش کرنا چاہتا ہوں لیکن کہیں نہ کہیں کوئی گڑ بڑ ہو جاتی ہے۔ 
کہیں نہ کہیں کوئی گڑ بڑ ضرور ہو جاتی ہے۔ 
مرشد اس کا شانہ تھپتھپاتا ہے۔۔۔  ’’گڑ بڑ باہر نہیں تمہارے اندر ہے، بس کسی ایک راستے کا انتخاب کر کے اسے قبول کر لو۔‘‘
ہر قدم پر ایک نہ ایک چیز، ایک نہ ایک رستے کا انتخاب! شاید میں نے زندگی کا انتخاب بھی اسی دو دلی سے کیا ہے، اسی لیے زندگی مجھ سے گریز پا ہے اور دوسرے کنارے پر اس سرمئی دھند میں جو چھپا بیٹھا ہے اور جو کبھی کبھی مجھے پکارتا ہے۔ کیا میں بھی اس کا اسی طرح کا گریز پا انتخاب ہوں ، اَن چاہا؟ زندگی ایک جبر ہے، پیدا کرنے والے کے لیے بھی اور پیدا ہونے والے کے لیے بھی۔
اور یہ رسے کے درمیان رہ کر ڈولنے میں بھی ایک عجیب مزہ ہے، ایک ایسی لذت جسے خود ہی محسوس کیا جا سکتا ہے۔ گر پڑنے کا خوف، دونوں کناروں سے آتی آوازیں ، ترغیبات اور اپنی اپنی طرف کھینچنے کی کوششیں ؟ اور یہ درمیان؟ یہ بھی عجیب جگہ ہے، شاید ہر چیز کا ایک درمیان ہوتا ہے یا شاید نہیں ہوتا۔ یہ محض ایک فریب ہے، ایک ایسی کیفیت جو خود طاری کردہ ہے، یا واقعی کوئی درمیان ہوتا ہو جہاں سب کچھ بے معنی ہو جاتا ہے اور یہ درمیان، یہ جھولتا رسہ، جہاں میں کھڑا ہوں ایک زندہ حقیقت ہے۔ اس کے دونوں کناروں کی دنیائیں مجھے اپنی اپنی طرف کھینچتی ہیں ، کلکاریاں مارتے بچے، لذت بھری دنیا۔۔۔  
اور دوسری طرف وہ سرمئی دھند، جس کے پیچھے چھپا وہ، جو روشنی کی طرح پھیلتا سکڑتا ہے۔۔۔  اور درمیان میں مَیں ! سمجھ نہیں آتا کدھر جاؤں ؟ 
ایک عجیب تذبذب ہے۔ 
جانا تو میں دونوں طرف چاہتا ہوں ، لیکن ایک طرف جانے کا سلیقہ نہیں ، دوسری طرف کا ظرف نہیں۔۔۔  
زندگی بس ایک شرارہ ہے جو کہیں سے اڑتا ہوا آتا ہے اور زمین کو چھوتے ہی پلک جھپکنے میں شعلہ بن جاتا ہے۔ رقص کرتا شعلہ، جو جلاتا بھی ہے اور جنم بھی دیتا ہے۔ 
مرشد کچھ نہیں بولا، بس اسے دیکھے گیا۔ 
’’یہ بے دلی۔۔۔  مجھے تو یوں لگتا ہے کہیں کسی جگہ ایک انچ کی کسر رہ گئی ہے۔‘‘
’’شاید تم ٹھیک کہتے ہو۔‘‘مرشد نے کچھ سوچتے ہوئے کہا۔۔۔  ’’مجھے یوں لگتا ہے ہماری اجتماعی موت واقع ہو چکی ہے۔‘‘
’’اجتماعی موت؟‘‘ اس نے حیرت سے پوچھا۔۔۔  ’’تو پھر یہ ہمارے درمیان مکالمہ کیا ہے؟‘‘
مرشد لمحہ بھر چپ رہا پھر بولا۔۔۔  ’’اجتماعی موت تو ہو چکی ہے لیکن ابھی تک کہیں کہیں انفرادی احساس باقی ہے، اسی لیے تو اصل اور نقل میں فرق کرنا مشکل ہو گیا ہے، سمجھ نہیں آتا، اصل کیا ہے اور عکس کیا ہے؟‘‘
مرشد کی بات سن کر وہ دفعتاً چونک پڑا۔ 
’’اصل اور عکس، یہی کہا نا تم نے۔‘‘
مرشد نے سر ہلایا۔۔۔  ’’ہاں ‘‘
’’بس میں سمجھ گیا، ساری گڑ بڑ یہ ہے کہ میں جو ہوں وہ نہیں ہوں بلکہ اپنی فوٹو سٹیٹ کاپی ہوں۔‘‘
مرشد سوچ میں پڑگیا، بہت دیر چپ رہا پھر بولا۔۔۔  ’’شاید یہی ہو، ہم سب اصل کی فوٹو کاپیاں ہی ہوں ، یہ ہماری دنیا بھی اصل کی فوٹو کاپی ہو، لیکن جہاں اصل ہے کیا وہاں رسے پر کوئی نہیں ڈولتا، وہاں نفسِ مطمئنہ کا کوئی مسئلہ نہیں۔‘‘
دونوں چپ چاپ ایک دوسرے کو دیکھتے رہے کہ اس سوال کا جواب نہ مرشد کے پاس تھا، نہ اس کے پاس!



(۵)

سمندر جب اس کے دروازے پر دستک دیتا ہے تو اس کی آنکھ کھل جاتی ہے۔ وہ آنکھیں ملتا دروازہ کھولتا ہے تو دیکھتا ہے کہ مرشد سمندر کی لہروں پر تیرتا کلکاریاں مار رہا ہے، سمندر اسے دیکھ کر ایک نعرۂ مستانہ لگا کر جھپٹ پڑتا ہے۔ وہ سر سے پیر تک سمندر ہو جاتا ہے۔ 
مرشد کہتا ہے، ’’چلے آؤ۔‘‘
ایک لمحہ کے لیے مڑ کر دیکھتا ہے۔ گھر، گھر میں سوئے بیوی بچے، دنیا داری، فیصلے کا لمحہ طویل ہونے لگتا ہے۔ لیکن مرشد آگے بڑھ کر اس کا ہاتھ پکڑ لیتا ہے اور اسے اپنے ساتھ کھینچ لاتا ہے۔ سمندر دونوں کو اپنے بازوں میں سمیٹ کر پیچھے ہٹنے لگتا ہے اور دھیرے دھیرے اپنے کناروں میں لوٹ آتا ہے۔ 
حدِ نظر تک سرمئی دھند ہے جس میں وہ اور مرشد چلے جا رہے ہیں۔ مڑ کر دیکھنے کی خواہش۔۔۔  لیکن کچھ دکھائی نہیں دیتا۔ 
مرشد پوچھتا ہے۔۔۔  ’’کیا بات ہے، کسے ڈھونڈ رہے ہو؟‘‘
وہ چند لمحے چپ رہتا ہے۔ پھر کہتا ہے۔۔۔  ’’صبح ہونے سے پہلے مجھے گھر لوٹنا ہے۔‘‘
مرشد ہنستا ہے۔۔۔  ’’گھر ایک جال ہے۔ تم اس سے باہر نکل کر بھی دوبارہ اس میں پھنسنے کی تمنا کرتے ہو۔‘‘ 
جال تو ہر جگہ ہیں ، چھوٹے چھوٹے، بڑے بڑے۔ کلاس روم میں لڑکے اسے دیکھے جا رہے ہیں۔ وہ حاضری کا رجسٹر ایک طرف کر کے کھنکارتا ہے۔ پھر کہتا ہے۔۔۔  ’’یہ جو فضا ہے نا، یہ بھی ایک جال ہے، جس سے آگے ہم نہیں جا سکتے۔ یہ سانس بھی چھوٹا سا جال ہے اور آدم کو آسمانوں کی وسعتوں سے نکال کر اس دنیا کے جال میں بند کر دیا گیا۔‘‘
گھنٹی کی آواز سنتے ہی لڑکے اس کی بات ادھوری چھوڑ کر باہر نکل جاتے ہیں ، وہ اکیلا رہ جاتا ہے۔ 
سانپ کو اکیلے ہی میں موقع مل گیا تھا۔ 
وہ ممنوع پھل کے ذائقہ کو بدن پر محسوس کرتا ہے۔ 
یہ ذائقہ۔۔۔  یہ ترغیب، لیکن وہ دونوں تو خود ہی ایک دوسرے کے لیے ترغیب تھے۔ 
پھر گناہ کیسا؟
اور اس ترغیب نے تو خود اس کے جسم سے جنم لیا ہے، یہ اس کی زندگی بھی ہے اور موت بھی، 
وہ  اس کے ہاتھ کو آہستگی سے سہلاتا ہے اور کہتا ہے، ’’چلو بھاگ چلیں۔‘‘
وہ بڑی بڑی غلافی آنکھیں اٹھا کر اسے دیکھتی ہے، منہ سے کچھ نہیں بولتی۔ 
مشکی گھوڑا انہیں لیے اڑا جاتا ہے۔ 
وہ کہتی ہے۔۔۔  ’’ذرا آرام نہ کر لیں ، وہ تو بہت پیچھے رہ گئے۔‘‘
پھر وہی ترغیب۔۔۔  
وہ لمحہ بھر کے لیے ہچکچاتا ہے۔۔۔  ’’منزل پر پہنچ جائے تو۔‘‘
وہ نیند بھری غلافی آنکھوں سے اس کے بدن کو گدگداتی ہے۔ 
ترغیب وہی ترغیب۔۔۔ 
گھوڑے کو درخت سے باندھتے ہوئے وہ ترکش کو احتیاط سے اپنے قریب رکھتا ہے۔ 
بھاگتے ٹاپوں کی آواز اسے جھنجھوڑتی ہے تو وہ تیزی سے ترکش کی طرف ہاتھ بڑھاتا ہے۔ 
وہ کھلکھلا تی ہے۔ 
ہنہناتے مشکی گھوڑوں پر سوار وہ سارے اس کی کھلکھلاہٹ میں شریک ہوتے ہیں۔ 
وہی ترغیب وہی دھوکا۔ 
وہ چکرا کر سمندر کی بانہوں میں آ گرتا ہے، مرشد کہتا ہے۔۔۔  ’’واپسی مبارک ہو۔‘‘
’’لیکن‘‘۔۔۔  وہ بڑبڑاتا ہے۔۔۔  ’’میں نے دھوکا کیوں کھایا؟‘‘
مرشد مسکراتا ہے۔۔۔  ’’دھوکہ آدمی اپنے آپ ہی سے کھاتا ہے اور وہ کچھ بھی نہیں ، جو کچھ ہے وہ تم ہی تم ہو۔‘‘
’’تو کیا میں نے اپنے آپ کو ترغیب دی، گناہ کا راستہ دکھایا۔‘‘
مرشد اور سمندر کچھ نہیں بولتے، بس ہنسے جاتے ہیں ، وہ بھی ان کی ہنسی میں شامل ہو جاتا ہے۔ تینوں ہنستے ہنستے لوٹ پوٹ ہو جاتے ہیں۔ لوٹ پوٹ ہوتے اس آنکھ کھل جاتی ہے۔ 
وہ بے خبر سو رہی ہے اور اس کا ترغیب دیتا جسم آنکھیں مار رہا ہے۔ 
تو یہ میں ہی ہوں جو اپنے آپ کو گناہ پر اُکسا رہا ہوں۔ 
دفعتاً وہ جاگ پڑتی ہے۔۔۔  ’’کیا بات ہے، کیا دیکھ رہے ہو؟‘‘
’’کچھ نہیں ، کچھ نہیں ‘‘۔۔۔  وہ گڑ بڑا جاتا ہے۔ 
وہ انگڑائی لے کر اٹھتی ہے۔۔۔  ہاتھوں سے بال سمیٹ کر جوڑا بناتے ہوئے کہتی ہے۔۔۔  ’’پریشان کیوں ہو؟‘‘
’’کچھ نہیں ‘‘۔۔۔  وہ بڑبڑاتا ہے۔۔۔  ’’یہ تو میرا مقدر ہے کہ مجھے ترغیب دینے والا، میرا قاتل مجھ ہی میں سے پیدا ہو گا۔‘‘
وہ کھڑکی کے پاس آتا ہے۔ سمندر اور مرشد دونوں کا کہیں پتہ نہیں ، وہ کچھ دیر خلا میں گھورتا رہتا ہے پھر مڑتے ہوئے کہتا ہے۔۔۔  ’’ہر شخص کا اپنا اپنا جہنم ہے جس کا انتخاب وہ خود ہی کرتا ہے اور اس کی آگ کو تیز کرنے کے لیے وہ خود ہی اس میں ایندھن بھی ڈالتا رہتا ہے۔‘‘
پھر خود سپردگی کے عالم میں آہستہ آہستہ اس کی غلافی آنکھوں اور کھلکھلاتے جسم کے  بھنور میں ڈوبتا چلا جا تا ہے!

(۶)

مرشد نے دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے اور بولا۔۔۔  ’’اے خدا! میری واپسی کے سفر کو سانس لیتے منظروں سے ہمکنار کر۔‘‘
اس نے پوچھا۔۔۔  ’’لوٹ کر کب آؤ گے؟‘‘
مرشد مسکرایا۔۔۔  ’’تم زندہ رہنے کا سلیقہ جان گئے ہو، اب میرے آنے کی کیا ضرورت ہے؟‘‘
اس نے سر ہلایا۔۔۔  ’’یہ توہے، لیکن پھر بھی کبھی کبھی یاد تو آؤ گے نا۔‘‘
مرشد ہنسا۔۔۔  ’’کیا معلوم میں کبھی یاد آؤں بھی کہ نہیں ، دنیا میں بڑے رنگ ہیں اور آہنگ بھی اور کان ایک بار بند ہو جائیں تو آوازیں قید ہو جاتی ہیں۔‘‘
اس نے کہا، ’’چھوڑو اس بات کو، آؤ آخری بار کسینو چلتے ہیں۔‘‘
’’آج کل تم کافی مالدار ہو گئے ہو۔‘‘مرشد نے سر ہلایا۔ 
’’نہیں میرے پاس کچھ بھی نہیں بس زندہ رہنے کی کوشش کر رہا ہوں۔‘‘
’’تھوڑی سی کوشش اور کریں تو ہم یہ مکان خرید سکتے ہیں۔‘‘ بیوی نے چائے کی پیالی اس کے آگے کھسکاتے ہوئے کہا۔ 
’’ہاں ابو۔۔۔  یہ گھر تو بہت اچھا ہے۔‘‘ بیٹی نے تائید کی۔ 
’’لیکن۔۔۔ ‘‘
’’لیکن کیا، جس جاب پر تم ہو وہاں ایسی باتوں کے لیے صرف اشارے کی ضرورت ہے۔‘‘
‘‘لیکن مجھے یہ اشارہ کرنا ہی تو نہیں آتا۔‘‘
مرشد ہنسا۔۔۔  ’’میرا خیال ہے تم اب خاصے ٹرینڈ ہو چکے ہو، پھر ڈر کس کا۔‘‘
وہ چند لمحے سوچتا رہا پھر بولا۔۔۔  ’’باہر سے کوئی ڈر نہیں بس یہ کم بخت اندر کوئی گڑ بڑ ہے۔ جب بھی اشارہ کرنے لگتا ہوں تو اندر کوئی چیز تڑخ جاتی ہے۔‘‘
مرشد سوچ میں پڑ گیا۔۔۔  ’’اس کا مطلب ہے ابھی تمہارے پتھرانے کا عمل مکمل نہیں ہوا، تمہاری بیوی نے کوشش تو بہت کی ہے۔‘‘
’’ہاں ‘‘ اس نے سر ہلایا۔۔۔  ’’لیکن اس کی کوششوں سے کچھ نہیں ہوا، مگر یہ بچے۔۔۔  انہیں دیکھتا ہوں تو سوچتا ہوں ، میرے سچ کی سزا یہ کیوں بھگتیں۔‘‘
مرشد نے کچھ دیر تدبّر کیا، پھر بولا۔۔۔  ’’نیکی کا عمل بہت لمبا ہوتا ہے اور سچ نسل در نسل چلتا ہے۔‘‘
’’شاید اسی لیے مٹھاس کڑواہٹ میں بدل جاتی ہے۔‘‘
مرشد نے اسے گھورا۔۔۔  ’’تم ایک ایسے سرکش گھوڑے پر سوار ہو جس کی باگیں تمہارے ہاتھ میں نہیں۔‘‘
اس نے اثبات میں سر ہلایا۔۔۔  ’’جہاں رکنا چاہتا ہوں ، وہاں رک نہیں سکتا اور جہاں نہیں رکنا چاہتا وہاں رکنا پڑتا ہے۔۔۔ ‘‘
’’بس یہی تمہارا المیہ ہے، تم لمحہ سے گریزاں ہو۔‘‘
اس نے آنکھیں بند کر لیں۔ 
وہ لمحہ کی دہلیز پر نمودار ہوئی۔۔۔  ’’میں اب بھی تمہاری منتظر ہوں۔‘‘
وہ دونوں بازو پھیلا کر اس کی طرف بڑھا، لیکن عین اسی لمحہ مرشد نے اس کا شانہ تھپتھپایا۔۔۔  ’’لو بھئی میں تو چلا۔‘‘
اس نے مرشد کا ہاتھ پکڑ لیا۔۔۔  ’’میں اس عذاب سے کب نکلوں گا، میری واپسی کا حکم کب ہو گا؟‘‘ 
مرشد مسکرایا۔۔۔  ’’واپسی ایک کیفیت ہے، ایک لذت آمیز کیفیت، تم جب چاہو اس کا ذائقہ محسوس کر سکتے ہو۔‘‘
اس نے ہونٹوں پر زبان پھیری اور بولا۔۔۔  ’’میرے منہ میں ایک بدمزہ کسیلا لباب ہے۔‘‘
پھر اس نے چائے کا لمبا گھونٹ بھرا۔۔۔  ’’یہ کڑواہٹ جاتے نہیں جاتی۔‘‘
بیوی نے شکر دان آگے بڑھایا۔۔۔  ’’چینی تو ڈالی ہی نہیں کڑواہٹ کیسے جائے گی۔‘‘
اس نے بے دلی سے شکر دان پکڑ لیا اور چینی گھولتے ہوئے بولا۔۔۔  
’’بچے کہاں ہیں ؟‘‘
’’پڑوس میں گئے ہیں ، گڈو کی سالگرہ ہے۔‘‘
’’اچھا‘‘۔۔۔  وہ چونکا۔۔۔  ’’تو بچوں کو کوئی تحفہ لے دینا تھا، خالی ہاتھ گئے ہیں کیا؟‘‘
’’کیا لے کر جاتے؟‘‘
’’کمال کرتی ہو۔‘‘ وہ جھنجھلا گیا۔۔۔  ’’تمہیں پتہ بھی ہے کہ گڈو کے ابو اسٹیبلشمنٹ میں ہیں ، دس کام ہوتے ہیں ان سے اور ابھی تو میری سنیارٹی کا معاملہ بھی پھنسا ہوا ہے۔‘‘
مرشد ہنستے ہنستے دہرا ہو گیا۔۔۔  ’’تم چلتے تو ٹھیک راستے پر ہو، لیکن درمیان میں سے جو اُچھلنے کی کوشش کرتے ہو تو سارا معاملہ خراب ہو جاتا ہے۔‘‘
اس نے بے بسی سے کندھے ہلائے۔۔۔  ’’میں کیا کروں۔۔۔  زندہ بھی رہنا چاہتا ہوں اور وہ منظر بھی دیکھنا چاہتا ہوں۔‘‘
مرشد ایک دم سنجیدہ ہو گیا۔۔۔  ’’کسی ایک طرف ہو جاؤ، دو کشتیوں میں سوار ہونے سے کہیں بھی نہیں پہنچ پاؤ گے۔‘‘
وہ چپ رہا۔ 
مرشد نے پوچھا۔۔۔  ’’کیا سوچ رہے ہو؟‘‘
’’کسی چیز کو پانا الگ بات ہے لیکن اس کی تمنا تو کی جا سکتی ہے۔۔۔  ہے نا!‘‘ 
’’لیکن تمنا کرنے کا فائدہ کیا۔۔۔  ؟‘‘
’’جی تو جلے گا نا۔۔۔  اور اس آگ میں جلنا کتنا اچھا لگتا ہے۔۔۔ ‘‘
اور اس نے دیکھا، دہکتے انگاروں کا ایک وسیع سمندر ہے جس پر وہ ننگے پاؤں چل رہا ہے۔ ایک جلن ہے، ایک مستقل کیفیت جس میں ذائقہ بھی ہے اور کڑواہٹ بھی۔ اور اس جلتے سفر میں کہیں بچوں کی کلکاری، کہیں بیوی کی مسکراہٹ، کہیں کسی دوست کی پر خلوص حرکت۔۔۔  چھوٹی چھوٹی ٹھنڈکیں ہیں۔۔۔  مسلسل جلتے جانا اور درمیان میں کبھی کبھی ایک ننھی سی گدگداہٹ۔
اس نے آنکھیں بند کر کے ہاتھ اٹھائے۔۔۔  ’’میری رہائی کا حکم ہو۔‘‘ مرشد نے دونوں بازو پھیلا دئیے، کبوتر پھَڑ پھَڑ اڑے اور ایک لمبا چکر لگا کر سامنے گنبد پر بیٹھ گئے۔ اس نے آنکھیں کھولیں اور بولا۔۔۔  ’’سمندر میں اتر کر بھی دیکھ لیا، یہ لذتیں اور کڑواہٹیں وہاں بھی اسی طرح ہیں ، پسِ منظر ہی بدلتے ہیں۔‘‘
اور اسے یوں لگا جیسے اس سے دو قدم کے فاصلے پر ٹھاٹھیں مارتا سمندر اس کی بات سن کر کھلکھلا کر ہنس پڑا ہے۔ 
٭٭٭



شبِ مراقبہ کے اعترافات کی کہانیاں 


مرشد سے ملنے سے پہلے، معمول سے زیادہ کچھ جاننے کی خواہش ہی نہ تھی، اور نہ شاید ضرورت کہ کچھ ہے اور کچھ نہیں ہے کی کیفیت میں بسر ہو رہی تھی۔ معمول سے زیادہ کچھ جاننے کی لَت اسے اس درویش سے پڑی جو بڑے پارک کے ایک تالاب کنارے بیٹھا پانی میں کنکریاں پھینکتا رہتا تھا۔ سیر کرتے ہوئے وہ اکثر وہاں رک جاتا اور غیر ارادی طور پر کنکریاں پھینکنے کے عمل کو دیکھتا، سمجھ نہ آتی کہ درویش کیا کر رہا ہے، آخر ایک دن پوچھ ہی بیٹھا۔
درویش مسکرایا اور بولا، ’’ہر کنکری پانی کی ایک نئی سطح بناتی ہے۔‘‘
اسے کچھ سمجھ نہ آیا۔۔۔  ’’تو پھر؟‘‘
درویش نے اسے گھورا۔۔۔ ’’جاؤ اپنا کام کرو، یہ تمہارے بس کی بات نہیں۔‘‘
اسے غصہ تو آیا لیکن کچھ کہے بغیر آگے نکل گیا۔
سیر کرتے تالاب کے پاس پہنچتا تو رکنے کو جی چاہتا لیکن درویش کے غصے سے ڈرتے آگے بڑھ جاتا، دو تین دن تذبذب میں گزرے، پھر وہ ٹھہر گیا۔
’’میں سمجھنا چاہتا ہوں۔‘‘
درویش مسکرایا۔۔۔  ’’اب تم راستے پر آ گئے ہو۔ طلب بنیادی کنجی ہے جس سے سارے دروازے کھلتے ہیں۔‘‘
’’میں یہ دروازے کھولنا چاہتا ہوں ، ہر نئی سطح کو جاننا چاہتا ہوں۔‘‘
درویش بولا۔۔۔  ’’جاؤ مرشد کو تلاش کرو۔‘‘
’’مرشد‘‘ اس نے پوچھا۔۔۔  ’’وہ کہاں ملے گا؟‘‘
’’تمہارے آس پاس‘‘ درویش نے کہا۔۔۔  ’’نظریں کھلی رکھو۔‘‘
مرشد اسی شام مل گیا۔ لمبی سیر کے بعد ذرا سستانے کو وہ سیمنٹ کی بینچ پر بیٹھ گیا تھا۔ مرشد ساتھ آ بیٹھا۔ دونوں نے ایک دوسرے کو دیکھا۔
’’میں تو تمہیں جانتا ہوں۔‘‘ اس نے مرشد سے کہا۔
مرشد مسکرایا۔۔۔  ’’جانتے تو ہم بہت کچھ ہوتے ہیں ، اصل چیز تو اس کا اقرار ہے۔‘‘
’’اقرار۔۔۔ !‘‘
’’ہاں اقرار‘‘ مرشد نے کہا۔۔۔  ’’پہلے نفی پھر اثبات۔ اس کے بغیر اقرار نہیں ہو سکتا۔‘‘
’’اور اقرار کے لیے‘‘ اس نے اپنے آپ سے کہا۔۔۔  ’’پہلے محبت اور پھر ڈر پیدا کرنا چاہیے۔‘‘
مرشد مسکرایا۔۔۔  ’’یہ وہ مقام ہے جہاں خوشی حدّت پیدا کرتی ہے اور حدّت ہی راہ سلوک کا سب سے بڑا پتھر ہے۔‘‘
اس نے کہا۔۔۔  ’’تو اس پتھر کو ہٹانا چاہیے۔‘‘
پتھر نے غار کا منہ بند کیا ہوا تھا، وہ اندر اترے تو اوّل اوّل اندھیرے نے انہیں ٹٹولنا شروع کر دیا۔ سیلن زدہ اندھیرا ان کے وجودوں پر رینگنے لگا۔ دونوں ہاتھ پیر مارتے آ گے نکل آئے، اب سرمئی دھند کا علاقہ شروع ہوا۔
مرشد بولا۔۔۔  ’’آگے بڑھنے سے پہلے مردود بننا پڑے گا۔‘‘
اس نے پوچھا۔۔۔  ’’کس کا مردود؟‘‘
مرشد نے کہا۔۔۔  ’’اپنے آپ کا۔ اور جب تم خود کو رد کر دو گے تو رد عین قبول کے مقام پر پہنچ جاؤ گے۔‘‘
سرمئی دھند سے گزرتے اس کا وجود بھی سرمئی ہو گیا۔ سارے متعلقات دور کہیں پیچھے رہ گئے۔
اس نے سوچا۔۔۔  ’’میرا وثیقہ ہو گیا۔‘‘
مرشد نے اس کی سوچ سن لی اور بولا۔۔۔  ’’تمہارے باطن نے اس وثیقہ پر شہادت دی۔‘‘
اور یہیں سے زا (بھید) کی کیفیت شروع ہوئی جو ایک دائرہ کی طرح تھی۔ وہ دائرے کے گردا گرد گھوما، گھومتا رہا، معلوم نہیں لمحہ بیتا یا صدیاں گزر گئیں ، لیکن اندر داخل ہونے کا راستہ نہ ملا۔اس نے مرشد سے کہا۔۔۔ 
 ’’اس دائرے کا کوئی دروازہ نہیں اور اس میں جو نقطہء وسطانی ہے، میں اس تک نہیں پہنچ سکتا۔‘‘
مرشد بولا۔۔۔  ’’اس اسرار کو دائرے کے ارد گرد رہ کر دیکھو۔۔۔  یہ نہ دائرے سے باہر ہے نہ اس کے اندر۔‘‘
’’کس طرح‘‘
’’اس لیے کہ۔۔۔ ‘‘ مرشد نے کہا۔۔۔  ’’نقطہ کوئی طول، کوئی عرض، کوئی عمق نہیں رکھتا۔‘‘
’’تو لا شے کو میں کیسے دیکھوں ؟‘‘ وہ بے چارگی سے بولا۔
مرشد ہنسا۔۔۔  ’’دونوں نقطوں کے درمیان خط کھینچ لو۔‘‘
’’دوسرا کون؟‘‘ اس نے حیرت سے پوچھا۔
’’ایک تم، دوسرا وہ‘‘۔۔۔  ’’خط کھینچ لو گے تو تمام شکلیں نقطے ہی سے وجود میں آئیں گی۔‘‘
’’شاید ٹھیک ہی کہتے ہو‘‘ وہ بڑبڑایا۔۔۔  ’’نقطہ ہی موجود ہے اور نقطہ ہی غائب۔‘‘
سرمئی دھند میں اُڑتے اُڑتے جب پَر ٹُوٹے تو وہ چلّایا۔۔۔  ’’مرشد میرے پَر ٹوٹ رہے ہیں۔‘‘
مرشد نے کہا۔۔۔ ’’مبارک ہو۔۔۔  یہاں سے تیری بقاء کا سفر شروع ہوا۔‘‘
آہستہ آہستہ وہ نیچے بیٹھنے لگا، اور آہستگی سے اس کے پاؤں نے زمین کو چھُوا۔
’’یہ بھی عجیب بات ہے۔‘‘ اس نے سوچا۔۔۔  ’’زمین پر تھا تو اُڑنے کی خواہش بے چین رکھتی تھی، اُڑا ہوں تو زمین کھینچ لیتی ہے۔‘‘
’’یہی حقیقت ہے۔‘‘ مرشد مسکرایا۔
یہ سفر شاید ایک ہزار ایک راتوں کا تھا، یا صرف ایک رات کا، مرشد نے جانے سے پہلے کہا۔۔۔ 
 ’’جب کسی کی تعریف کرتے جھجک نہ آئے اور مخالفت کرتے دیر تک ملال رہے تو سمجھ تم زندہ ہو، کیونکہ ذات صفات کے پردے ہی میں اپنا اظہار کرتی ہے۔‘‘
اس نے کہا۔۔۔  ’’میں نے اسے دیکھا، سمجھا، لیکن میرے پاس اس کا کوئی نام نہیں۔‘‘
مرشد نے جواب دیا۔۔۔  ’’بس وہ ایک قوت ہے، چلو تم اسے انرجی کہہ لو۔‘‘
یہ کہہ کر مرشد نے پَر پھیلائے اور اُڑتا ہوا سرمئی دھند میں غائب ہو گیا۔
صبح اٹھ کر اس نے سوچا۔۔۔  واقعی وہ ایک انرجی ہے، اس عظیم کمپیوٹر کا خالق جس میں کئی سوفٹ ویئر کام کر رہے ہیں ، ان گنت چینل ہیں ، جن پر کئی سی ڈیز چل رہی ہیں۔ ایک سی ڈی میں بھی ہوں ، جس کا اپنا طے شدہ وقت اور پروگرام ہے، اگر کوئی بریک ڈاؤن نہ ہوا تو گھنٹے، منٹ، سیکنڈ تک متعین ہیں ، ایک کلک اور پروگرام ختم۔۔۔  سکرین پر چترے مترے۔۔۔  پھر کون جانے یہ سی ڈی دوبارہ آن ہو جائے اور کسی دوسرے چینل پر چل پڑے۔۔۔  کون جانے؟

(۲)

اِن دنوں مرشد کا کچھ پتہ نہ چلتا کہ کب آیا، کب گیا۔ پلک جھپکنے میں باتیں کرتے کرتے اُڈاری ماری اور یہ جا وہ جا، آنا ایسا کہ چلتے چلتے، بیٹھے بیٹھے احساس ہوتا کہ کہ ساتھ ہے۔ تنہائی کے دنوں میں وہی معمول تھا کہ دفتر سے آ کر کچھ آرام، پھر شام کی سیر، بڑے پارک کے واکنگ ٹریک کے دو چکر لگا کر، کنول کے تالاب کے ساتھ چلتے اس ویران پتھر کی سِل پر بیٹھنا، جہاں کبھی کبھار ہی کوئی آتا تھا۔ ان دنوں یہی تنہائی تھی، سیر کرتے ہوئے بھی دفتر اور گھر ذہن پر سوار رہتے، الجھن سی ہوتی کہ مرشد کے ہوتے کیسی کیسی باتیں ہوتی تھیں۔ کم از کم سیر کے دوران تو وہ پَر پھیلا کر اُڑ سکتا تھا، سرمئی دھند کو چھوتا کچھ جاننے کی سعی کرتا، سوال کرتا، کچھ کے جواب ملتے، کچھ کے نہ ملتے لیکن اُڑان کا مزہ تو اپنی جگہ تھا، لیکن اب کئی دنوں سے مرشد غائب تھا، وہ ٹریک کے دو چکر لگا کر حسبِ معمول کنول کے تالاب سے ہوتا، پتھر کی سِل پر آ بیٹھا۔ دفعتاً احساس ہوا کہ مرشد ساتھ بیٹھا ہے۔
’’کہاں چلے گئے تھے؟‘‘ اس کی آواز میں شکایت تھی۔
’’میں کہاں گیا تھا، یہیں تھا۔‘‘ مرشد مسکرایا۔
’’یہاں کہاں۔۔۔  مجھے تو نظر نہیں آئے۔‘‘
’’ہونے کے لیے دکھائی دینا ہی ضروری نہیں۔‘‘
’’تو۔۔۔ ‘‘
’’صرف دیکھا نہ کرو، محسوس بھی کیا کرو۔‘‘
’’میری تو نظر ہی کمزور ہو گئی ہے۔‘‘ اس نے عینک صاف کرتے ہوئے اپنے ساتھی سے کہا۔۔۔  ’’کچھ سمجھ نہیں آتا، نظر اتنی تیزی سے کیوں گِر رہی ہے۔‘‘
’’موتیا تو نہیں اُتر رہا؟‘‘ اس کے ساتھی نے کہا۔
’’شاید۔۔۔ ‘‘
’’تو فوراً ڈاکٹر کو دکھاؤ۔‘‘
ڈاکٹر نے مختلف زاویوں سے اس کی آنکھوں کو ٹٹول کر، دبا کر دیکھا، ٹارچ کی روشنی میں اس کی پُتلیوں کا جائزہ لیا اور بولا۔۔۔  ’’تقریباً چھ سات مہینے لگیں گے موتیا براؤن ہونے میں ، اس دوران آپ کی نظر مسلسل گِرتی رہے گی۔‘‘
مرشد ہنسا۔۔۔ ’’چلو اس دوران تم نظر کی بجائے کچھ عقل کا استعمال بھی کر لو۔‘‘
’’لیکن تم ہی تو کہتے ہو کہ عقل اس کے راستے کی دیوار ہے۔‘‘
’’میں دنیاوی عقل کی بات نہیں کر رہا۔‘‘ مرشد بولا۔۔۔  ’’شعور کی بات کر رہا ہوں اور شعور کا تعلق محسوس کرنے سے بھی ہے۔‘‘
اس نے جواب دیا۔۔۔  ’’میں تو اسے ہمیشہ ہی محسوس کرنے کی کوشش کرتا ہوں ، لیکن وہی کبھی قریب آتا ہے، کبھی دور، بہت دور چلا جاتا ہے۔‘‘
مرشد بولا۔۔۔  ’’اس کا دور جانا بھی ایک ادا ہے۔‘‘
’’مجھے تو اس کی اداؤں نے مار دیا۔‘‘ وہ ہنسا۔
’’عشق میں مرنا تو پڑتا ہی ہے۔‘‘ مرشد بھی ہنسا۔
دونوں چلتے ہوئے کنول کے تالاب کنارے دوسری طرف آ گئے جہاں سے شہر کی جگمگاتی روشنیاں رقص کرتی دکھائی دے رہی ہیں ، نیم اندھیرے سے روشنیوں کا رقص عجیب لطف دے رہا تھا۔
مرشد کہنے لگا۔۔۔  ’’اندھیرے اور روشنی میں کتنا باریک سا فرق ہے لیکن ہمیں کتنا بُعد محسوس ہوتا ہے۔‘‘
وہ کچھ دیر سوچتا رہا۔۔۔  ’’شاید ایسا ہی زندگی اور موت میں بھی ہے۔‘‘
’’ایک لمحہ کبھی کبھی صدیاں بن جاتا ہے۔‘‘
’’کیسے؟‘‘ اس نے پوچھا۔
مرشد بولا۔۔۔  ’’ایک شخص قبرستان سے گزر رہا تھا۔ پاؤں پھسلا تو ایک ٹوٹی ہوئی قبر میں جا گرا۔ چند لمحوں بعد نکلا تو معلوم ہوا ہزار سال بیت چکے ہیں۔‘‘
اس نے کوئی جواب نہ دیا، اپنے طور پر سوچا ایک لمحہ اگر ہزار سال میں بدل سکتا ہے تو فنا بقا میں کتنی دیر میں تبدیل ہو گی۔ مرشد نے اسے چپ دیکھ کر پوچھا۔۔۔  ’’کیا سوچ رہے ہو؟‘‘
’’فنا اگر بقا ہے تو پھر بقا کیا ہے؟‘‘
’’صرف لفظوں کا فرق ہے۔‘‘
اس نے پوچھا۔۔۔  ’’وقت، ذات ہے یا صفت؟‘‘
مرشد نے کہا۔۔۔  ’’صفت، اس لیے کہ ذات کسی میں بھی منتقل نہیں ہوتی، ہاں صفات کا کچھ حصہ عطا ہو جاتا ہے۔‘‘
اس نے دعا مانگی۔۔۔  ’’اے ذات! مجھے اپنی اس صفت کا کچھ حصہ عطا کر کہ میں دوسری طرف جا کر واپس آ سکوں۔‘‘
مرشد ہنسا۔۔۔  ’’دوسری طرف جانا بھی چاہتے ہو اور واپسی کی دعا بھی مانگتے ہو۔‘‘
’’ہاں۔۔۔ ‘‘ اس نے کہا ’’میں سمندر کی تہہ میں اترنا چاہتا ہوں ، مگر وہاں رہنا نہیں چاہتا کہ مجھے اس کی وسعتوں سے ڈر لگتا ہے۔‘‘
مرشد نے تبسم کیا۔۔۔  ’’اپنے وجود کی نفی سے ڈرتے ہو۔‘‘
’’وجود کی نفی سے نہیں ، اپنے نہ ہونے کے احساس کا خوف ہے، میرے اپنے ہونے کا احساس نہ رہا تو پھر جاننا اور نہ جاننا بے معنی ہے۔‘‘
مرشد بولا۔۔۔ ’’آؤ اس نقطہ کے گرد دائرہ بناتے ہیں۔‘‘
انہوں نے مل کر دائرہ کھینچا، پھر اس دائرے کے گردا گرد کئی دائرے بنائے، بنتے گئے۔ بن گئے تو وہ کہنے لگا۔۔۔ ’’دائرے تو ہم نے بنا لیے، اندر جانے کا راستہ کہاں ہے؟‘‘
اندر جانے کا راستہ کوئی نہیں تھا، تو کیا ہمارا مقدر دائرے سے سر ٹکرا ٹکرا کر ختم ہو جانا ہے۔
اس سوال کا اس کے پاس کوئی جواب نہ تھا، مرشد حسبِ عادت اُڈاری مار کب کا جا چکا تھا۔
کنول کے تالاب کنارے پتھر کی سِل پر بیٹھے اندھیرا گہرا ہو گیا۔ بیوی بھی اپنا چکر لگا کر آ گئی اور بولی۔۔۔  ’’چلیں ، آج تو بہت دیر ہو گئی۔‘‘
اس نے کوئی جواب نہ دیا، چپ چاپ اس کے ساتھ چل پڑا۔

(۳)

بڑی ہی پریشانی کے دن تھے، مرشد کا دُور دُور تک کوئی پتہ نہ تھا۔ اس کی میز سے ایک اہم فائل گم ہو گئی تھی، انکوائری جاری تھی اور اگر وہ قصوروار ثابت ہو جاتا تو نوکری تو جاتی ہی اور بہت کچھ بھی بھگتنا پڑتا۔ ایسے میں مرشد کی ضرورت تھی، وہ ہر شام کنول تالاب کنارے پتھر کی سِل پر بیٹھ کر اس کا انتظار کرتا۔ سیر تو برائے نام ہی تھی، ایک چکر بھی پورا نہ ہوتا اور اکتاہٹ ہونے لگتی۔
’’یہ اعتبار بھی عجب شے ہے۔۔۔ ‘‘ بیٹھے بیٹھے خیال آیا۔ ’’میں اتنی جلدی لوگوں پر اعتبار کر بیٹھتا ہوں۔‘‘
’’یہی تو سادگی ہے اور سادگی اسے بہت پسند ہے۔‘‘
آواز سن کر وہ چونکا۔ مرشد جانے کب کا آ بیٹھا تھا۔
’’کدھر چلے گئے تھے۔۔۔ ‘‘ اس نے کہا۔۔۔  ’’میں اِن دنوں۔۔۔ ‘‘
’’مجھے معلوم ہے‘‘ مرشد بولا۔
’’تمہیں کیسے معلوم ہے‘‘ اس نے حیرت سے پوچھا۔
’’میں تمہارے اندر بھی ہوں اور باہر بھی۔‘‘ مرشد مسکرایا۔
’’تو میں کیا کروں۔۔۔ ‘‘
’’انتظار‘‘ مرشد نے کہا۔۔۔  ’’انتظار میں مزہ بھی ہے اور دکھ بھی، اور تم جانتے ہو دکھ تمہارا راستہ ہے۔‘‘
’’لیکن یہ راستہ آگے بند ہے۔‘‘ وہ بڑبڑایا۔
’’کوئی راستہ بند نہیں ہوتا۔‘‘
لیکن فی الحال تو راستہ بند ہی تھا، آگے بھیانک تاریکی تھی، کچھ سمجھ نہ آتا کہ کون دوست ہے، کون دشمن، دن بھر لوگ اس کے سامنے آ کر اس کی دیانت کی تعریفیں کرتے اور دروازے سے نکلتے ہی اس کے کئی نا کردہ گناہوں کی سزا بھی دیتے۔ اس نے سوچا:
’’یہ دنیا بھی عجب ہے، ہر شے دو چہرے رکھتی ہے۔‘‘
’’لیکن اس کا کوئی چہرہ نہیں ،  اس لیے دوئی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘‘ مرشد بولا۔
’’پر فاصلہ تو ہے‘‘
’’فاصلہ طلب کا امتحان ہے۔‘‘
امتحان میں مزاج کو اعتدال پر رکھنا کتنا مشکل ہے، اس کا خوب اندازہ ہو رہا تھا۔ بیوی بچے الگ پریشان۔ اس کے چڑچڑے پن سے پریشان بیوی بار بار کہتی۔۔۔  ’’جو ہونا ہے ہو جائے گا کیوں اتنا کڑھتے ہو۔‘‘
’’کڑھتا اس لیے ہوں کہ میں نے کچھ نہیں کیا، آخر یہ کس بات کی سزا ہے۔‘‘
مرشد نے جو دیر سے چپ تھا، سکوت توڑا۔۔۔  ’’یہ ایک کیفیت ہے اور کیفیت کا عرصہ برزخ کی طرح ہے۔‘‘
’’لیکن برزخ میں زیادہ عرصہ نہیں گزارا جا سکتا۔‘‘ اس نے ناخن کریدتے ہوئے کہا۔
’’تو پھر نکلو یہاں سے، آگ کی خبر لائیں۔‘‘
مرشد آگے آگے، وہ پیچھے پیچھے اس لمبے سفر پر نکل پڑے، جسے اس درخت پر ختم ہونا تھا، جو بولا تھا، لیکن وہ کیا بولتا، بولنے والا تو کوئی اور تھا، سننے والا بھی کوئی دوسرا نہیں تھا، وہ خود تھا۔ جو واصف ہے وہی موصوف ہے، تو پھر میں کیا اور تو کیا۔۔۔ سفر کے معنی کیا؟
اس نے کہا۔۔۔  ’’مرشد چلو واپس چلیں ، ہم تو اپنی ذات کے دائرے ہی میں پھر رہے ہیں۔‘‘
مرشد ہنسا۔۔۔  ’’لیکن تمہیں یہ معلوم نہیں کہ ہم دائرے کی لکیر کے ساتھ ساتھ پھر رہے ہیں ، مرکزہ کے ساتھ نہیں ‘‘
اس نے پوچھا۔۔۔  ’’تو مرکزہ تک کیسے پہنچیں گے۔‘‘
’’اسباب سے نظر اٹھاؤ اور سبب پر مرکوز کرو تو مرکزہ خود بخود سامنے آ جائے گا۔‘‘
نظر اٹھا کر دیکھا تو سامنے وہی کنول کا تالاب تھا، شام زینہ زینہ نیچے اتر رہی تھی اور ہلکی تھاپ پر رقص کرتا اندھیرا چاروں طرف پھیل رہا تھا، وہ اور مرشد چپ چاپ بیٹھے اپنے اپنے دائرے میں مرکزہ کو تلاش کر رہے تھے کہ اس کی بیوی نیم دوڑتی، ہانپتی آئی:
’’تم یہاں بیٹھے ہو، میں چاروں طرف تلاش کر آئی۔‘‘
’’خیر ہے۔۔۔  کیا ہوا؟‘‘
’’’ابھی ابھی۔۔۔  صاحب کا فون آیا ہے کہ۔۔۔  فائل کا پتہ چل گیا۔‘‘
کیا۔۔۔ ؟‘‘ وہ اچھل کر کھڑا ہو گیا۔
’’فائل تمہارے کلرک نے چُرائی تھی۔۔۔  کمپنی والوں سے رشوت لے کر۔۔۔  وہ مان بھی گیا ہے۔‘‘ بیوی نے پھولی سانسوں میں بات کو ٹکڑے کر دیا۔
وہ ایک لمبی سانس لے کر دوبارہ پتھر کی سِل پر بیٹھ گیا۔ مرشد حسبِ عادت اُڈاری مار کبھی کا جا چکا تھا۔ اسے خیال آیا:
’’یہ بھی خوب ہے۔۔۔  یہ فائل نہ گُمتی تو میں اتنا سفر کیسے کرتا۔۔۔  مرشد ٹھیک ہی کہتا ہے۔۔۔  جو فکر ہے، وہی ذکر ہے۔‘‘


(۴)

عجب خوشبو بھرے دن تھے۔ پیلے پھول نئے ہمکتے ہوئے موسم کی آمد آمد کی خبریں پھیلا رہے تھے، وہ سیر کرتے ہوئے جھوم جھوم جاتا کہ یہ دن خوشبو کے دن تھے۔ اس کی خوشبو کی حِس سال میں ہفتہ دس دن کے لیے ہی بیدار ہوتی تھی، ورنہ سارا سال اسے خوشبو بدبو سے کوئی سروکار نہ تھا۔ اچانک ہی کسی کھلکھلاتی صبح شیو کرتے ہوئے اسے احساس ہوتا کہ شیونگ کریم میں تو خوشبو بھی ہے۔ اس پر وہ وجدانی کیفیت میں آ جاتا۔ صابن کو اٹھا کر سونگھتا، شیونگ کریم کو تھپتھپا کر چہرے پر ملتا، بعد میں کریم بھی لگاتا، خوشبو کا اسپرے کرتا۔ اس کے ملنے جلنے والوں کو معلوم ہو جاتا کہ یہ خوشبو کے دن ہیں۔ سب سے پہلے تو بیوی ہنستی۔۔۔  ’’لگتا ہے تمہاری ناک کھل گئی ہے۔‘‘
وہ جھومتے ہوئے کہتا۔۔۔  ’’ہر طرف خوشبو ہی خوشبو ہے۔‘‘
لیکن خوشبو کا یہ رقص چند دن ہی رہتا، پھر کسی دن اچانک اسے احساس ہوتا کہ شیونگ کریم میں خوشبو نہیں ، صابن خوشبو سے خالی ہے۔۔۔  بس پھر وہی لمبا عرصہ نہ خوشبو نہ بدبو۔ خوشبوؤں کا عرصہ مختصر سا ہوتا لیکن سال بھر کی کوفت دور کر جاتا، ذہن میں نئی نئی باتیں آتیں۔ مرشد سے لمبی لمبی بحثیں ہوتیں۔
یہ دن۔۔۔  رقص کرتے دن، خوشبوؤں کے نام تھے، لیکن مرشد حسبِ معمول غائب۔ لمبی سیر کر کے آس پاس کے پھولوں کی خوشبو چکھتے، وہ تالاب کنارے پڑی سِل پر آ بیٹھا اور تیرتے کنولوں کو دیکھنے لگا۔
’’کیا سوچ رہے ہو؟‘‘
وہ چونکا۔ مرشد چپ چاپ آ کر بیٹھ گیا تھا۔
’’سوچ رہا ہوں۔۔۔ ‘‘ وہ بولا۔۔۔  ’’صاف پانی میں تو سبھی غوطہ لگاتے ہیں ، کیوں نہ اس تالاب میں جھانکا جائے۔‘‘
مرشد مسکرایا۔۔۔  ’’کنول کی تہہ دیکھنا چاہتے ہو!‘‘
’’ہاں ‘‘ وہ بڑبڑایا۔۔۔  ’’میرے بچپن میں کنول کی جڑوں میں پایا جانے والا ایک پھل بِکا کرتا تھا، جسے کول ڈوڈے کہتے تھے۔‘‘
’’وہ تو اب بھی موجود ہیں ‘‘ مرشد بولا۔۔۔  ’’لیکن اب لوگوں کی پسند بدل گئی ہے، وہ ایسی چیزیں نہیں کھاتے۔‘‘
’’ٹھیک کہتے ہو۔۔۔  آج صبح میں نے چائے میں روٹی بھگو کر کھائی تو میرے بچے حیرت سے دیکھنے لگے اور ماں سے پوچھنے لگے کہ ابّو یہ کیا گند کر رہے ہیں۔‘‘
مرشد ہنسا۔۔۔  ’’تمہاری بیوی نے کہا ہو گا کہ اپنا پینڈو پن نہیں بھولتے۔‘‘
’’یہی کہا تھا۔۔۔ ‘‘ وہ بھی ہنسا۔۔۔  ’’میرا جی چاہتا ہے کنول کی جڑوں سے کول ڈوڈے نکالوں۔‘‘
’’پھسل کر اندر جا گِرے تو پھر وہیں رہو گے۔‘‘ مرشد بولا۔
’’پھر کیا۔۔۔  یہ تجربہ بھی سہی۔‘‘
’’اب نئے نئے تجربے کرنے کی تمہاری عمر نہیں ہے۔‘‘ بیوی غصے سے بولی۔
’’ہر نئے تجربے کی گود میں ایک نیا ہمکتا ہوا خیال ہوتا ہے۔‘‘ اس نے سوچا۔ لیکن چپ رہا۔ بیوی دوسرے کمرے میں چلی گئی تو وہ خیالوں کی پگڈنڈی پگڈنڈی دور تک پھیلے مرغزاروں میں پہنچ گیا۔ خوشبوئیں ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے رقص کر رہی تھیں۔ ہوا گِداں بجاتی، ہنس ہنس کر دُہری ہوئی جا رہی تھی۔
مرشد بولا۔۔۔  ’’اس کا ہونا بھی ایسے ہی ہے جیسے پھول میں خوشبو۔‘‘
اس نے کچھ دیر سوچا۔۔۔  ’’تو پھر اس کے ساتھ چلنے کے لیے ہَوا بننا ضروری ہے۔‘‘
دونوں ہَوا بن گئے اور اُڑتے پھرے، ٹہنی ٹہنی، پھول پھول، دیر تک اُڑنے کے بعد رکے تو دیکھا کہ ایک شخص اشاروں سے کچھ کر رہا ہے۔
پوچھا۔۔۔  ’’اے شخص کیا کر رہا ہے۔‘‘
وہ بولا۔۔۔  ’’دیکھتے نہیں میں اس سے گفتگو کر رہا ہوں۔‘‘
کہا۔۔۔  ’’یہ کیسی گفتگو ہے جس میں لفظ نہیں۔‘‘
اس نے جواب دیا۔۔۔  ’’لفظ گمراہ کرتے ہیں اور درمیان میں ایک پردہ کھینچ دیتے ہیں ، میں نے عرصہ ہوا لفظ ترک کر دیے اب اس سے گفتگو کرنے کے لیے مجھے کسی وسیلے کی ضرورت نہیں۔‘‘
اس نے مرشد کی طرف دیکھا۔
مرشد نے کہا۔۔۔  ’’یہ شخص اگلے پڑاؤ پر ہے۔‘‘
وہ اسے اسی حالت میں چھوڑ کر مڑے۔
اس نے پوچھا۔۔۔  ’’یہ میرے ساتھ کیا ظلم ہے کہ سال میں ، صرف چند دن میرے ہیں۔‘‘
مرشد بولا۔۔۔  ’’اسے بھی غنیمت سمجھو کہ چند دن تو تمہارے ہیں۔‘‘
اس نے جھنجھلا کر کہا۔۔۔  ’’یہ میری بے بسی ہے۔‘‘
مرشد بولا۔۔۔  ’’بے بسی بھی ایک کیفیت ہے۔‘‘
اسے بڑا غصہ آیا۔۔۔  ’’ہر چیز ہی ایک کیفیت ہے تو میں کہاں ہوں ؟‘‘
’’کہیں بھی نہیں۔‘‘ مرشد ہنسا۔
’’کیوں نہیں ؟‘‘
’’یہی تو سفر کا آغاز ہے، اس ’’کیوں ‘‘ کو تلاش کرو، جانو اور سمجھو۔‘‘
وہ جھنجھلایا ہوا تھا، بری طرح جھنجھلایا ہوا تھا۔۔۔  بولا ’’خوشبوئیں مدھم ہو رہی ہیں ، پھر وہی ایک طویل خشک موسم۔‘‘
مرشد نے کہا۔۔۔  ’’آؤ کنول کے تالاب پر چلیں۔‘‘
دونوں پتھر کی سِل پر بیٹھ گئے۔ تا دیر چپ رہے پھر مرشد نے کہا۔۔۔  ’’پھول تالاب کی سطح پر کھِلے ہیں اور نیچے کائی اور سڑاند ہے، پھول کی قسمت یہی کچھ ہے۔‘‘
’’ٹھیک کہتے ہو‘‘ وہ بڑبڑایا اور چپ چاپ گھر کی طرف چل پڑا۔


(۵)

خزاں کی آمد آمد تھی اور بہار چپکے چپکے اپنا سامان سمیٹ رہی تھی۔ درختوں سے گرتے اِکا دُکا پتے پیروں کے نیچے چرمرانے لگے تھے۔ کنول کا تالاب خالی خالی دکھائی دے رہا تھا۔ کہیں کہیں ایک آدھ پھول، مرجھانے کی تیاریوں میں تھا۔ تالاب کی سطح پر سبز کائی کا مخملی فرش بچھتا جا رہا تھا۔ خوشبوؤں کو گئے عرصہ ہو چلا تھا۔ مرشد حسبِ عادت کئی دن سے غائب تھا۔ تالاب کنارے پڑی سِل پر بیٹھے بیٹھے اس نے سوچا، مرشد ہوتا تو ان بدلتے موسموں کی کچھ خبر لیتے، کون آ رہا ہے، کون جا رہا ہے، اور یہ عروج و زوال کیا ہے، خزاں کیا ہے، بہار کیا ہے؟
ابھی اس کی سوچ کا دھارا کسی سمندر کی تلاش ہی میں تھا کہ مرشد جو جانے کب سے خاموشی سے پاس آ بیٹھا تھا، بولا۔۔۔  ’’سفر کرنا تو اتنا مشکل نہیں ، لیکن سفر کی عطا کے لیے جس ظرف کی ضرورت ہے وہ کہاں سے لاؤ گے۔‘‘
وہ چونکا۔۔۔  ’’تم کب آئے؟‘‘
’’میں گیا ہی کہاں تھا۔‘‘ مرشد نے تبسم کیا۔
اس نے بحث نہیں کی، کہنے لگا۔۔۔  ’’سفر تو شروع کریں ، ظرف خود ہی پیدا ہو جائے گا۔‘‘
دونوں اَن دیکھے سفر پر نکل پڑے۔
دریا کنارے دیکھا کہ ایک شخص، ایک ٹانگ پر کھڑا وظیفہ کر رہا ہے۔
مرشد بولا۔۔۔  ’’یہ تلاش کم اور دکھاوا زیادہ ہے۔‘‘
اس نے اثبات میں سر ہلایا۔۔۔  ’’جاننے کی سچی طلب ہو تو ان کرتبوں کی ضرورت نہیں۔‘‘
ان کی باتیں سن کر اس شخص نے اپنی ٹانگیں سیدھی کیں اور غصہ سے بولا۔۔۔  ’’بغیر جانے سمجھے اظہار بے وقوفی کی دلیل ہے، اور بے وقوف کو کبھی کچھ نہیں ملتا۔‘‘
وہ گھبرا گیا۔۔۔  اور معذرت خواہانہ نظروں سے اس کی طرف دیکھا اور بولا۔۔۔  ’’آپ سچ کہتے ہیں ، کون جانتا ہے کہ کیا دکھاوا ہے اور کیا حقیقت!‘‘
مرشد کچھ نہ بولا، چپ چاپ ان کی باتیں سنتا رہا، جب دونوں کچھ آگے نکل آئے تو کہنے لگا۔۔۔  ’’جو دکھائی دیتا ہے، ضروری نہیں وہی سچ ہو۔‘‘
’’تو پھر سچ کیا ہے؟‘‘ اس نے پوچھا۔
’’چلو اسے تلاش کریں۔‘‘ مرشد نے جواب دیا۔
اور دونوں گھنے جنگل میں اتر گئے۔
جنگل گھنا، نیم تاریک اور دیکھنے میں سنسان تھا، لیکن جوں جوں آگے بڑھتے گئے، چیزیں بولنے لگیں ، پتے اشارے کرنے لگے، درختوں نے سرگوشیاں کیں اور چرند پرند گھنی شاخوں ، جھاڑیوں اور اپنی اپنی کھوؤں سے نکلنے لگے۔
’’جنگل بھی بولتے ہیں۔‘‘ مرشد بولا۔۔۔  ’’اگر انہیں احساس ہو کہ سننے والا موجود ہے۔‘‘
اسے ان چار طیور کی کہانی یاد آئی جو سیمرغ کو تلاش کرنے نکلے تھے، اور طویل سفر کی صعوبتیں سہتے جب آئینۂ صفات کے سامنے پہنچے تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ آئینۂ صفات میں انہی کا عکس موجود ہے۔ اس نے مرشد سے کہا:
’’جنگل تو ہمارے اندر بھی موجود ہے اور سرگوشی بھی کرتا ہے مگر انہی کے لیے جو اس کی آواز سننا چاہتے ہیں۔‘‘
’’سننے کی خواہش، زندہ ہونے کی دلیل ہے۔‘‘ مرشد نے کہا۔۔۔ ’’اور زندہ وہی ہے جسے اپنے ہونے کا احساس ہے۔‘‘
جنگل کے بیچوں بیچ ایک تالاب تھا، جس کے آدھے حصے پر کائی کا سبز مخملی فرش بچھا ہوا تھا، باقی کے آدھے حصے میں پانی شفاف تھا۔ اس نے مرشد سے پوچھا : 
’’یہ کیا ماجرا ہے کہ آدھا تالاب اور طرح کا ہے اور آدھا اور طرح کا۔‘‘
مرشد ہنسا۔۔۔  ’’تالاب ایک ہی ہے، یہ صرف ہمارے دیکھنے کا انداز ہے۔۔۔  کیا تم نہیں جانتے کہ سچ آدھی آنکھ سے دکھائی نہیں دیتا۔‘‘
اس نے سر ہلایا۔۔۔  ’’واقعی صورت اشیاء معلوم ہے، حقیقتِ اشیاء مجہول ہے، اور یہی مقامِ تعجب ہے۔‘‘
’’تعجب بھی ایک نعمت ہے‘‘ مرشد بولا۔۔۔  ’’تعجب ختم ہو جائے تو آدمی پتھر ہو جاتا ہے۔‘‘
وہ آگے بڑھے کہ مقام عجب کے بعد اب مقام طلب آتا تھا اور مقام طلب سے پہلے آگ روشن تھی، شعلے لمبی لمبی زبانیں نکالے شُوں شُوں کر رہے تھے کہ اس آگ میں جل کر ہی خرمنِ ہستی کو خاک ہونا تھا کہ صفاتِ نفسانیہ میں سے کوئی صفت باقی نہ رہے۔۔۔  اس کے بغیر وصال ممکن نہ تھا۔
مرشد نے کہا۔۔۔  ’’آگ عشق ہے، جل کر ہی طلب ختم ہوتی ہے اور طالب، مطلوب اور طلب کی تثلیث باقی نہیں رہتی۔‘‘
وہ جھجک گیا۔۔۔  ’’جلنا اتنا آسان نہیں۔‘‘
مرشد ہنسا۔۔۔  ’’تطہیر قلب بھی چاہتے ہو اور جلنے سے بھی ڈرتے ہو۔۔۔  تمہارے اندر سے ابھی دنیا نہیں نکلی۔‘‘
اسے بیوی یاد آئی۔ کھلکھلاتے بچوں کی کلکاریوں نے کانوں میں رس گھولا، بولا۔۔۔  ’’آگ حسی بھی ہے اور معنوی بھی، میں حِس تک ہی محدود رہنا چاہتا ہوں۔‘‘
مرشد ہنسا، خوب ہنسا۔۔۔  ’’تم اس غلام کی مانند ہو جو زر مکاتیب ادا کر چکا، مگر صرف ایک درہم ادا کرنا باقی ہے کہ آزادی ملے، مگر اسی ایک درہم کی ادائیگی سے ڈر رہا ہے۔‘‘
اس نے اثبات میں سر ہلایا۔۔۔  ’’صفاتِ نفسانیہ میں سے ایک صفت بھی باقی رہے تو آدمی اسی صفت کا غلام بن کر رہ جاتا ہے۔‘‘
مرشد نے کوئی جواب نہ دیا، اور بڑے وقار سے قدم قدم چلتا آگے کے دائرے میں داخل ہو گیا، وہ باہر بیٹھا دیر تک اس کا انتظار کرتا رہا، پھر خاموشی سے اٹھا اور اپنے آپ سے کہنے لگا۔۔۔  ’’اعلیٰ شہود یہی ہے کہ شاہد و مشہود کی دوئی مٹ جائے اور اسی کی آنکھیں ، اسی کے جلوے، لیکن یہ وہ مقام ہے جو میرے نصیبوں میں نہیں ، مرشد نے اسے پا لیا۔‘‘
اس شام سیر کے بعد وہ دیر تک تالاب کنارے سِل پر بیٹھا، چپ چاپ، تالاب کو دیکھتا رہا، کنول مرجھا گئے تھے اور سبز کائی آہستہ آہستہ پورے تالاب پر بچھتی جا رہی تھی۔
٭٭٭



موڑ کے دوسری طرف


	مرشد سے ملنے سے پہلے بھی کبھی کبھی گمان ہوتا تھا کہ اس دنیا کے دائیں بائیں یا اندر ایک دنیا اور ہے، لیکن وہاں جانے،  اس کے بارے میں جاننے کی خواہش نہ ہوئی، بس کبھی کبھار سوچ لیتا کہ وہ دنیا اِس دنیا سے کتنی مختلف ہو گی، یا اتنا اور کہ ان میں سے اصل دنیا کون سی ہے۔ یہ ظاہر والی یا وہ چھپی ہوئی، نظر نہ آنے والی، لیکن مرشد سے ملنے کے بعد اسے کتنی بار اس دنیا کی کرید ہوئی۔ ان دونوں میں حقیقی کونسی ہے، اِس دنیا میں تو وہ اپنے ٹھوس وجود کے ساتھ موجود ہے، اُس دنیا میں وجود کی کیفیت کیا ہو گی۔ اشیا ہوں گی یا ان کے پَر تو ہوں گے اور وہ خود۔۔۔  ؟
	مرشد اس کے سوالوں پر مسکرا کر رہ جاتا۔ وہ جھنجلا جاتا، ’’تم میرے سوالوں کے جواب کیوں نہیں دیتے؟‘‘
	مرشد ہنستا، ایک دن جب اس نے بہت زچ کیا تو مرشد بولا۔۔۔  ’’بعض سچائیاں لفظوں میں بیان نہیں ہو سکتیں ، ان کے لیے تلوار کی دھار سے گزرنا پڑتا ہے۔‘‘
	اس نے سر ہلایا، مرشد نے اس کے سوال کی تردید نہیں کی، اس کا مطلب ہے کہ کہیں آس پاس ایک دنیا اور بھی ہے۔ 
	اس دنیا میں جانے کا کوئی راستہ بھی ہو گا، وہ سوچتا، لیکن آس پاس پھیلے ہوا کے خیمے میں کہیں کوئی دَر نظر نہ آتا۔ 
	’’میں ایک بڑے ٹینٹ میں سانس لے رہا ہوں۔‘‘اس نے ایک دن مرشد سے کہا۔۔۔  ’’یہ ایک عظیم گنبد ہے جس میں کوئی در نہیں۔‘‘
	مرشد نے تبسّم کیا۔۔۔  ’’ہم سمجھتے ہیں کہ ہم دیکھ رہے ہیں ، لیکن حقیقت میں ہمیں کچھ بھی نظر نہیں آتا، پھر در کیسے دکھائی دے۔۔۔ ‘‘
	وہ چپ رہا۔۔۔  پھر بولا،’’لیکن میں دیکھنا چاہتا ہوں۔‘‘
	’’کوشش کرتے رہو‘‘ مرشد نے بے نیازی سے کہا۔۔۔  ’’شاید کبھی دیکھ سکو۔‘‘
	دیکھنے کی تمنا میں لمحہ لمحہ بیت رہا تھا، لیکن کچھ دکھائی نہ دیتا تھا، اسی کوشش میں گھر سے نکل کر گلی میں آنا، گلی کا موڑ کاٹ کر سڑک،  کچھ دور چل کر بس سٹاپ،  ایک ایک کے پیچھے بس میں سوار ہونا، اتر کر دفتر۔۔۔  شام کو اسی ترتیب سے گھر۔۔۔  تو دکھائی کیسے دے اور کیا دے؟	
	زندگی یوں ہی بیتی جا رہی تھی، مرشد سے مکالمہ کچھ دیر کے لیے ایک چمک سی پیدا کرتا، پھر وہی سیلن زدہ اندھیرا، دیکھتی آنکھ کا اندھا پن۔۔۔  
’’میں کب دیکھ پاؤں گا؟‘‘سینہ میں ٹیس سی اٹھتی۔۔۔  ’’کب؟‘‘
	اور ایک صبح یہ کب آ گئی، گلی کا موڑ مڑتے ہی اسے محسوس ہوا کہ آس پاس سب کچھ نامانوس سا ہے، ٹھٹکا، سوچا، رکا، ایک نظر چاروں طرف دوڑائی۔۔۔  یہ تو کوئی نئی دنیا ہے۔ 
	موڑ مڑتے ہی وہ اس نئی دنیا میں داخل ہو گیا تھا !
	’’خوش آمدید!‘‘ مرشد کی آواز سنائی دی لیکن وہ دکھائی نہ دیا۔ 
	’’تم کہاں ہو؟‘‘ اس نے پہلے سرگوشی،  پھر بلند آواز میں پوچھا، لیکن کوئی جواب آیا نہ مرشد دکھائی دیا۔ 
	غور کیا، پھر اپنے آپ سے کہا۔۔۔  ’’یہ آواز میرے اپنے اندر سے آئی تھی، لفظ وہاں چھپے بیٹھے ہیں۔‘‘
	یہ نئی دنیا کا پہلا تجربہ تھا۔۔۔  یاد آیا، مرشد نے ایک بار کہا تھا۔۔۔  ’’میں تھوڑا سا باہر لیکن زیادہ اپنے اندر رہتا ہوں ، اور میرا باطن تمہارا باطن ہے کہ باطن میں سب چیزیں ایک سی ہوتی ہیں۔‘‘
	یہاں سورج نکلتا ہو گا اور شام بھی ہوتی ہو گی، چاروں طرف دیکھا لیکن دونوں منظر موجود تھے، سورج نکل رہا تھا اور شام بھی ہوتی جار ہی تھی۔ 
	یہ کون سا موسم ہے؟
	یہ لوگ کیسے ہیں ؟
	موسم، موسم جیسا ہے، لوگ، لوگوں جیسے ہیں۔ یہ دنیا، دنیا جیسی ہے لیکن وہ نہیں اس جیسی ہے، اور وہ خود۔۔۔  وہ خود بھی خود نہیں اپنے جیسا ہے اور مرشد۔۔۔  مرشد کا کہیں پتہ نہ تھا۔ 
	’’تم کہاں ہو؟‘‘ وہ چیخا۔ اس کی آواز دائرے بناتی اوپر اٹھی، پھر اسی تیزی سے نیچے آئی اور سکوت کے گہرے تالاب میں کنکر کی طرح ڈوب گئی۔ 
	’’کوئی ہے؟‘‘ چپ دنیا میں گونجتی آواز، لمبا چکر کاٹ کر اُس کے سامنے آ گری۔ سیٹیاں بجاتی ہوا کھلکھلانے لگی۔ 
	’’میں ‘‘۔۔۔  وہ پھر چیخا۔۔۔  ’’میں ہوں۔‘‘ 
	لیکن اسے اپنے ہونے کا احساس نہ ہوا۔۔۔  یہ کیسی دنیا ہے کہ جہاں میری آواز تو موجود ہے لیکن میں خود موجود نہیں ، میرا وجود،  اس نے اپنے آپ کو دیکھا۔۔۔  دکھائی تو دیتا ہے مگر ہے نہیں ، کہیں دور سے مرشد کی آواز آئی۔۔۔  ’’آنکھیں اندھی نہیں ہوتیں بلکہ دل اندھے ہوتے ہیں۔‘‘
	اس نے اپنے دل کو ٹٹولا اور اپنے آپ سے کہا۔۔۔  ’’وہ تو میری رگِ جاں سے بھی قریب ہے پھر میں کیسے اندھا ہو سکتا ہوں۔‘‘ مرشد کی آواز آئی۔۔۔  ’’لیکن تم اسے یاد بھی تو نہیں کرتے، یاد روشنی ہے اور روشنی اندھے پن کو دور کر دیتی ہے۔‘‘
	اس نے اسے یاد کیا اور اس کے دل میں روشنی کی لہر لہرائی، اپنے آپ سے کہا۔۔۔  ’’میں باہر والی دنیا کا شناسا نہیں ، اس لیے تیرا شناسا ہوں۔‘‘
	مرشد بولا۔۔۔  ’’مخلوق کی سمجھ حقیقت سے کوئی علاقہ نہیں رکھتی اور حقیقت خلقیت سے کوئی تعلق نہیں رکھتی اس لیے سچ حقیقت سے ماورا ہے، تم نہیں جان سکتے کہ دنیا کے اندر دنیا نہیں بلکہ اس کے جلوے ہیں ، کسی کو کوئی اور کسی کو کوئی دکھائی دیتا ہے۔‘‘
	وہ کچھ دیر چپ رہا، پھر کہنے لگا۔۔۔  ’’سچ ہے، لیکن یہ نورِ چراغ کیا ہے؟ اور چراغ کی حرارت کیا ہے؟‘‘
	پروانہ اڑتا ہوا آیا، اس نے چراغ کے گرد چکر لگایا لیکن چراغ کی روشنی اور حرارت دونوں سے اس کی تسلی نہ ہوئی۔ اس نے ایک ہی لمحہ میں اپنے آپ کو چراغ کی روشنی کے حوالے کر دیا اور خاکستر ہو گیا۔۔۔  !
	مرشد اور اس نے،  دونوں نے یہ منظر دیکھا۔ 
	مرشد بولا۔۔۔  ’’اَمر ہونے کے لیے کتنے مرحلوں سے گزرنا پڑتا ہے لیکن پروانے نے یہ سارے مرحلے ایک ہی قدم میں طے کر دیے۔‘‘	
	اس نے سر ہلایا۔۔۔  سچ ہے جو مقامِ نظر پر فائز ہو گیا وہ خبر سے بے نیا ز ہو گیا۔‘‘
	مرشد بولا۔۔۔  ’’پروانے کی طرح طالبِ حقیقت کو بھی فنا ہونا پڑتا ہے لیکن فنا کا ایک مقام اور وقت ہے۔‘‘
	اس نے کہا۔۔۔  ’’یہ وقت کب آئے گا اور وہ مقام کہاں ہے؟‘‘
	مرشد نے تبسّم کیا۔۔۔  ’’ابھی تو تم دیوار کے اس طرف آئے ہو، ابھی تو مرکزِ وجود بہت دور ہے، جلوہ گاہ ِ حقیقت تک پہنچنے کے لیے یہ جاننے کی منزل باقی ہے کہ حقیقت مخلوقیت سے ماورا ہے۔‘‘	
	وہ سوچ میں پڑ گیا اور اپنے آپ سے کہا۔۔۔  ’’میں تو دلیل کی دلیل ہوں اور وجود سے زیادہ روشن دلیل اور کوئی نہیں۔‘‘
	مرشد نے اس کے دل کی آواز سن لی۔۔۔  ’’حق ہی مرجع ہے۔‘‘یہ کہہ کر مرشد نے زقند بھری اور گہری سرمئی دھند میں گم ہو گیا۔ اس نے اپنے آپ کو ٹٹولا، اِدھر دیکھا، اُدھر دیکھا، منظر ایک ہی تھا،  کچھ سوچا اور اپنے آپ سے کہا۔۔۔  ’’سچ ہے کہ آنکھ کو ظاہرہ چیزوں کو دیکھنے سے نہیں روکا جائے گا تو دوست کیسے نظر آئے گا۔‘‘
	یہ دنیا کے اندر نئی دنیا دراصل دوست کا تماشا ہے اور اس لمحے وہ اس مقام پر تھا کہ آنکھ کو کچھ اور دیکھنے کی تمنا نہ تھی کہ ذات عالم سے نہ علم جدا تھا نہ معلومات جدا تھیں۔ 
	یہ لمحہ وصال کا تھا، لیکن اس وصال میں ایک کسک تھی، وہ دنیا جو موڑ مڑتے ہوئے پیچھے رہ گئی تھی، نامعلوم احساس کے ساتھ کہیں اپنے ہونے کا اعتبار قائم کیے ہوئے تھی۔ 
	اس نے اپنے آپ سے کہا۔۔۔  ’’میں اس عارف کی طرح ہوں جس نے اپنے آپ کو مفقود کر کے اسے پہچانا لیکن وہ نہیں جانتا کہ جو معدوم ہو وہ موجود کو نہیں جان سکتا۔‘‘
	تو میں معدوم ہوں ؟ اور وہ موجود۔ 
	مرشد نے ایک بار کہا تھا۔۔۔  ’’جہل حجاب ہے اور معرفت ماورائے حجاب ہے اس لیے معرفت حجابی بے حقیقت ہے۔‘‘
	’’تو میں بے حقیقت کس دلیل کی تلاش میں ہوں ؟‘‘ اس نے خود سے سوال کیا۔۔۔  ’’میری مثال اس عارف کی ہے جو کہتا ہے کہ معروف نے ہی اپنے آپ کو پہچانا، گویا اس نے اس امر کا اقرار کیا کہ عارف درمیان میں ہے اور اپنی معرفت پر مکلف ہے کیونکہ معروف تو ہمیشہ سے ہی اپنی ذات کا عارف ہے۔‘‘
	وہ سوچ میں پڑ گیا۔۔۔  ’’تو یہ مرشد کون ہے؟ اور یہ موڑ مڑتے ہی کسی اور دنیا کا منظر کیا معنی رکھتا ہے؟‘‘
	سوال دائرہ در دائرہ پھیلتے اور سکڑتے جاتے ہیں ، موڑ کے ایک طرف ایک دنیا اور دوسری طرف دوسری دنیا، وہ اس سوچ میں گم ہے کہ جو شخص ایک ذرے کا عارف نہیں وہ کس طرح اس چیز کا عارف ہو سکتا ہے جو بالتحقیق اس ذرے سے بھی دقیق تر اور باریک تر ہے !
	موڑ ہے۔۔۔  جس کے پیچھے ایک کھلکھلاتی،  آنکھیں مارتی دنیا اپنی طرف بلاتی ہے اور آگے سرمئی دھند میں لپٹی ایک دوسری دنیا ہے جہاں دن اور رات ایک ہیں۔۔۔  وہ اس موڑ پر تنہا کھڑا ہے، برسوں سے کھڑا ہے کہ پیچھے جانے کو دل نہیں چاہتا اور آگے جانے کی ہمت نہیں !
٭٭٭




دیدۂ بے ربطیِ عنواں 


	اُس کے اس سوال کے جواب میں کہ زندگی ہے کیا، مرشد نے ہنکارا بھرا، کافی دیر چپ رہا، پھر بولا۔۔۔  ’’ایک لمحاتی چمک، جو دائرہ کے مرکزہ سے ابھر کر اپنی پہچان کراتی ہے اور معدوم ہو جاتی ہے۔‘‘
	’’معدوم ہو کر اس کی کوئی حیثیت رہتی ہے؟‘‘ اس نے پوچھا۔۔۔  ’’یا یہ بھی ایک فریب ہی ہے جو ہم اپنے آپ کو دیتے رہتے ہیں ؟‘‘
	مرشد اس کا سوال سمجھ تو گیا لیکن اس کا جواب دینے کی بجائے اس نے کہا،’’فریب کا بھی تو اپنا ایک مزہ ہے۔‘‘
	’’اس طرح کے چھوٹے چھوٹے فریب تو ہم زندگی بھر اپنے آپ کو دیتے رہتے ہیں ، اور پھر ایک طویل چپ‘‘۔۔۔  اس نے اپنے آپ سے کہا اور مڑ کر بھانجی کی طرف دیکھا جو دروازے سے باہر آ رہی تھی۔ اس دروازے کے پیچھے اس کی چھوٹی بہن تین دن سے ایک طویل چپ کی بکل میں تھی، مانیٹر پر گراف مسلسل اوپر تلے ہو رہے تھے اور منہ پر لگے آکسیجن کے ماسک میں سے عجیب طرح کے اتار چڑھاؤ سے زندگی ہونے اور نہ ہونے کے عمل سے گزر رہی تھی۔ 
	دروازے سے نکلتی بھانجی نے مایوسی سے اس کی طرح دیکھا، دونوں کچھ نہیں بولے۔ 
	’’یہ کومے کی کیفیت کیا ہے؟‘‘ اس نے مرشد سے پوچھا۔ 
	’’موت سے پہلے موت‘‘ مرشد نے آہستہ سے کہا۔
	 وہ سب کے کہنے کے باوجود اندر نہیں گیا۔ 
	’’مجھ میں حوصلہ ہی نہیں ، اسے اس حالت میں دیکھنے کا۔‘‘ 
	وہ اور مرشد وارڈ کے سامنے کیاری کی اینٹوں پر بیٹھے ہوئے تھے۔ 
	’’اچانک خبر سے صدمہ تو ہوتا ہے لیکن لمحہ لمحہ کسی کو مرتے دیکھنا کتنا اذیت ناک ہے۔‘‘ اس نے مرشد سے کہا۔ 
	مرشد نے اس کے کندھے پر ہاتھ رکھا۔۔۔  ’’یہ جانے کی تیاری ہے اور سبھوں کو اس عمل سے گزرنا ہے۔‘‘
	’’لیکن آگے کچھ ہے بھی کہ نہیں۔‘‘ وہ بڑبڑایا۔ 
	’’نہ ہوا تو تمہیں کیا، ختم تو ختم۔‘‘ 
	’’اور اگر آگے کچھ ہوا تو۔۔۔ ‘‘
	’’تو پھر ٹھیک ہے، تم موجود ہو۔‘‘
	اس کی تسلی نہ ہوئی، مرشد نے اسے تذبذب میں دیکھ کر کہا۔۔۔  ’’دیکھو، عینک آنکھ نہیں کہ بینائی آنکھ میں پتلی کا خاصہ اور آنکھ کا جوہر ہے۔‘‘
	اس نے کہا۔۔۔  ’’اس کا مطلب ہے کہ دیکھے بغیر بھی دیدار ہو سکتا ہے۔‘‘
	’’ہاں ‘‘ مرشد نے سر ہلایا۔۔۔  ’’دیدار میں دیکھنے والا خود ایک علت کی طرح ہے۔‘‘
	کچھ دیر خاموش رہنے کے بعد مرشد نے، جیسے اپنے آپ سے کہہ رہا ہو، آہستہ سے کہا۔۔۔  ’’یکتا کی دوستی یکتا کو یکتائی سے یکتا کر کے دیکھتی ہے۔‘‘
	بڑی بہن وارڈ سے نکل رہی تھی، اس نے پُر امید نظروں سے اس کی طرف دیکھا، اس نے مایوسی سے نفی میں سر ہلایا اور بولی۔۔۔  ’’بلڈ پریشر پچیس سے بھی نیچے چلا گیا ہے۔‘‘
	’’اللہ پر بھروسہ رکھو۔‘‘ ایک عزیز نے اس کے کندھے پر ہاتھ رکھا۔۔۔ ’’آخری لمحہ تک امید۔۔۔ ‘‘
	اس نے پوری بات نہ سنی اور مرشد سے کہنے لگا۔۔۔  ’’یہ امید کیا ہے، سب کچھ سامنے ہے اور پھر بھی۔۔۔ ‘‘
	مرشد تا دیر چپ رہا، پھر بولا۔۔۔  ’’امید ہمارے اندر کا ایک میکانزم ہے جو ہمیں سہارا دیتا ہے، ہمیں آہستہ آہستہ آنے والے لمحے کے لیے تیار کرتا ہے۔‘‘
	ایک لمبی چپ، جس کے دوران وہ اور مرشد وارڈ کے سامنے والی کیاری کی اینٹوں پر بیٹھے ایک دوسرے کو محسوس کرتے رہے۔ 
	گھر کے دوسرے افراد میں سے کچھ بڑے گیٹ کے ساتھ بڑے پتھر کے بنچ پر بیٹھے تھے، کچھ فاصلہ پر کھڑی ایمبولینس کے ساتھ ٹیک لگائے انتظار کر رہے تھے۔ 
	انتظار کا یہ لمحہ صدیوں کے برابر تھا، جس میں جانے والا رخصت ہونے کی تیاری کر رہا تھا۔ ساتھ کچھ بھی نہیں لے جانا، پھر بھی اتنی لمبی تیاری،  لیکن یہ تو ہمارا وقت ہے، اوپر بہت اوپر نیلے آسمانوں سے پرے یہ شاید چند لمحے ہوں۔ 
	سب سے چھوٹی بہن روتی ہوئی وارڈ سے نکلی۔ 
	’’بلڈ پریشر زیرو ہو گیا ہے۔‘‘ اس کی ہچکی بندھی ہوئی تھی۔ 
	مانیٹر پر زندگی زیر و پر آتی، کچھ دیر رکی رہتی پھر تیرہ چودہ تک جاتی اور واپس زیرو پر آ جاتی، کچھ دیر یہ کھیل جاری رہا، پھر زیرو پر ٹھہر گئی، مرنے والی نے ایک ہچکی لی، ڈاکٹر نے آکسیجن اتار دی۔ 
	اوپر بہت اوپر نیلے آسمانوں سے پرے کنٹرول روم میں ، جہاں اَن گنت سکرینیں لگی ہوئی تھیں ، ایک سکرین پر سی ڈی کے ختم ہونے کی آخری گنتی شروع ہوئی، ایک،  زیرو، کلک کی آواز سے سکرین سیاہ ہو گئی اور سی ڈی کمپیوٹر سے باہر آ گئی۔ ایک ہیولہ نے سی ڈی نکالی، اسے کور میں رکھا اور الماری میں اپنی جگہ پر رکھ دیا۔ پھر اس نے دوسری الماری سے ایک سی ڈی اٹھائی، اسے کور سے نکالا اور کمپیوٹر میں رکھ کر آن کر دیا، لمحہ بھر میں سکرین روشن ہو گئی، ساتھ والے وارڈ میں ایک نومولود نے چیخ مار کر اپنے آنے کا اعلان کیا۔ 
	مرشد نے اس کے کندھے پر ہاتھ رکھا۔۔۔  ’’آخر ہچکی اور آنے کی چیخ کے درمیان ہی کہیں زندگی ہے؟‘‘
	اس نے کوئی جواب نہ دیا، ہچکیاں لے لے کر روتا رہا، 
	بس روتا رہا۔۔۔  !
٭٭٭




دائرہ 	


	عمر کے اس دور میں جب آگے جانے کا مرحلہ درپیش ہے، وہ دیوتاؤں کے دور میں واپس جانا چاہتا ہے۔ 
	دیوتاؤں اور ان کے دَور سے اس کی دلچسپی کب اور کیسے ہوئی، اس کا اس علم نہیں ، لیکن یہ ضرور ہے کہ خوبصورت مجسموں کو دیکھ کر اسے ایک فرحت کا احساس ہوتا، پتھر پر کندہ چہرے، جن کی ایک ایک لکیر، ایک ایک خط کئی کئی کہانیاں سناتے ہیں ، ہمیشہ اس کی کمزوری رہے۔ برسوں پہلے جب وہ کالج میں پڑھتا تھا تو گروپ کے ساتھ ٹیکسلا گیا۔ کھنڈروں میں پھرتے ہوئے وہ چند چند لمحوں کے لیے کئی بار ان کی تہہ میں اتر گیا۔ جولیاں کے بڑے مندر میں اس نے کئی شبد سنے،  پھر کوئی ساتھی اسے اپنی طرف متوجہ کر لیتا تو واپس کھنڈروں میں آ جاتا۔ اس نے بڑے مندر کی داسی کوشلیا کو بھی دیکھا، اس کے رقص کی ایک جھلک مدتوں اسے یاد رہی،  لیکن وہ دیوتاؤں کے دَور میں نہیں بیسویں صدی کی تیسری تہائی میں تھا۔ 
	کھنڈروں میں مقامی لوگ چادر کی بکل میں چھپائے مجسمے بیچ رہے تھے۔ اس نے دو مجسمے خرید لیے۔ واپسی پر دیر ہو گئی۔ اس نے مجسمے میز پر رکھے اور سو گیا۔ ساری رات یہ مجسمے اپنی اپنی کہانی سناتے رہے۔ مندر میں بجتی گھنٹیاں ، بھجن کے الاپ، داسیوں کے رقص اور دیوتاؤں کی مسکان!
	صبح سویرے ماں نے جھنجوڑ کر جگایا اور اس کے کچھ بولنے سے پہلے میز کی طرف اشارہ کر کے کہا۔۔۔  ’’یہ بت کون لایا ہے؟‘‘
	’’ڈیکوریشن کے لیے۔‘‘ اس نے کہا۔ لیکن اس کی بات مکمل ہونے سے پہلے ہی ماں نے حکم دیا۔۔۔  ’’انہیں باہر پھینکو یا کسی کو دے دو۔۔۔  ابھی۔‘‘ 
	کچھ کہے بغیر اس نے دونوں مجسمے اٹھائے اور اپنے ایک دوست کو دے آیا۔ بعد میں جب بھی وہ اس کے گھر جاتا اور ڈرائنگ روم میں ان مجسموں کو دیکھتا تو لگتا جیسے وہ کچھ کہہ رہے ہیں ، پتھر آنکھوں میں ایک شکوہ۔۔۔ 
	’’میں ایک دائرے میں رہتا ہوں جس سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں۔‘‘
	مرشد نے کہا تھا۔۔۔  ’’دائرہ در دائرہ۔‘‘ ہم بس چھوٹے دائرے سے بڑے دائرے میں جا سکتے ہیں ، مکمل طور پر باہر نہیں نکل سکتے کہ دائروں کے اندر دائروں کا یہ سلسلہ ازل سے ابد تک پھیلا ہوا ہے۔‘‘
	چھوٹا سا دائرہ تو روز کا معمول تھا۔ ایک وقت اٹھنا، تیار ہونا، دفتر جانا، دفتر میں وہی دائیں بائیں ، واپسی،  کھانا سونا اور پھر وہی صبح۔۔۔  اس چھوٹے سے دائرے میں وہ انڈوں پر بیٹھی مرغی کی طرح ہے جس کے پروں تلے ننھے ننھے چوزے انڈوں سے نکل رہے ہیں۔ 
	چوزے بڑے ہوتے گئے، دیوتاؤں کی دنیا سے اس کی دلچسپی بڑھتی گئی۔ چوزے پروں سے نکل کر کھلی فضا میں آ گئے۔ وہ اپنی پسند کی فلموں ،  کتابوں ، دیومالائی کہانیوں کے ذریعے دن میں کئی کئی بار دیوتاؤں کی دنیا میں جاتا، ان سے باتیں کرتا۔ 
	اے برھما تیرے وجود سے شِو اور وشنو نے کیسے جنم لیا۔ 
	اے شِو تو نے سمندر کو کیسے مِتھا، اے نیل کنٹھ مجھے بھی ہمالہ کی اس بستی میں لے جا، جہاں دیویاں رقص کرتی اور گیت گاتی ہیں۔ 
	اے زیورج۔۔۔ 
	تیری مشاورتی محفل میں بے بس انسانوں کے بارے میں کیا فیصلے ہوتے ہیں۔ 
	اے وینس۔۔۔  مجھے بھی دیکھ، میں تیری دنیا میں آنا چاہتا ہوں۔ 
	فلمیں ، کتابیں اور بے شمار کہانیاں اسے کئی بار دیوتاؤں کے دَور میں لے جاتیں۔ پھر اس نے وقت میں ایک چھوٹی سی سرنگ بنا لی، جب چاہتا اس سرنگ میں سے رینگتا ہوا اپنی دنیا میں پہنچ جاتا،  حال کے نقطہ پر کھڑے ہو کر ماضی میں چھلانگ لگا لیتا، یہ دنیا۔۔۔  وہ دنیا، ایک تھی، ایک خواب، 
	موجود اور نا موجود کے درمیان یہ سفر! 
	مرشد کہتا۔۔۔  ’’رک نہیں سکتے کہ رکنا نہیں چاہتے، جا نہیں سکتے کہ جانے کا اختیار نہیں۔‘‘
	وہ سر ہلاتا۔۔۔  ’’یہ بے بسی اور اختیار، ہم ان دونوں کے درمیان ہی میں مارے جاتے ہیں۔‘‘
	مرشد نے کہا۔۔۔  ’’جو شخص بے بسی سے اختیار کی طرف دوڑا وہ اس مقام پر پہنچا جہاں اختیار کے اسرار منکشف ہوتے ہیں ، لیکن اس نے نہ جانا کہ اس اختیار کے بعد ایک اور اختیار ہے۔‘‘
	وہ بولا۔۔۔  ’’اس دائرے کے اوپر ایک اور دائرہ۔‘‘
	کچھ دیر چپ رہا پھر کہنے لگا۔۔۔  ’’لیکن یہ سمجھ نہیں آیا کہ مرکزی نقطہ سب سے چھوٹے دائرے میں ہے یا اس دائرہ ور دائرہ سلسلہ سے باہر، کہیں اور۔۔۔  ؟ 
	مرشد ہنسا۔۔۔  ’’اصل بات یہ ہے کہ وہی محب ہے وہی محبوب، پھر مرکزی نقطہ کہیں بھی ہو، اس سے کیا فرق پڑتا ہے۔‘‘
	تو ان دائروں کے اندر ایک دائرہ وہ ہے جہاں دیوتا رہتے ہیں اور یہاں رہنا اسے بہت پسند تھا، لیکن یہ وجود۔۔۔  ! 
	مرشد بولا۔۔۔  ’’جس علم سے تم ساری اشیاء کو جانتے ہو کیا اس علم سے تم اپنے وجود کو نہیں جان سکتے۔‘‘
	’’شاید جان سکتا ہوں۔‘‘ اس نے جواب دیا۔۔۔  ’’لیکن اسے تحلیل نہیں کر سکتا، نہ اس کے ساتھ کہیں جا سکتا ہوں کہ وجود وقت کے سمندر میں ایک جزیرے کی مانند ہے جس کے چاروں طرف وقت ہی وقت ہے۔‘‘
	اور وقت کے اس سمندر میں کہیں وہ سرزمین بھی تھی جہاں دیوتا رہتے تھے۔ 
	’’ہر شے زندہ ہے۔‘‘ مرشد نے کہا۔۔۔  ’’لیکن ہر شے کی زندگی کا علم سب کا نہیں۔‘‘
	’’لیکن مجھے اتنا علم ضرور ہے کہ جہاں میں جانا چاہتا ہوں ، وہ اگر باہر نہیں تو میرے اندر موجود ہے، بس مجھے اندر جانے کے لیے ایک ڈبکی لگانا ہے۔‘‘
	’’ڈبکی لگانا اتنا آسان نہیں۔‘‘ مرشد ہنسا، ’’کیا تم جانتے ہو کہ پوری کائنات آنِ واحد میں معدوم ہو کر موجود ہو جاتی ہے۔‘‘
	’’تجددِ امثال۔۔۔ ‘‘ اس نے سوچا۔۔۔  ’’جب زمانۂ عدم اور زمانۂ موجود مثل ’’الدھا‘‘ ایک ہیں تو پھر میری واپسی میں کیا امر مانع ہے۔‘‘
	مرشد بولا۔۔۔  ’’صرف یہ کہ حقیقت وجود اَمر ہے اور وجود کی وحدت الحقیقت کبھی نہیں بدلتی۔‘‘
	اس نے سر ہلایا۔۔۔  ’’میں نے طاسین النقطہ میں پڑھا تھا کہ نقطہ ہی اصل ہے، نہ وہ زیادہ ہوتا ہے نہ فنا کو اس کی طرف راہ ملتی ہے۔‘‘
	مرشد نے تائید کی۔۔۔  ’’نقطہ طول، عرض، عمق کچھ نہیں رکھتا۔‘‘
	’’تو پھر میں دیوتاؤں کے دور میں نہیں جا سکتا۔‘‘ اس نے تاسّف سے کہا۔۔۔  ’’اس کے لیے مجھے انتظار کرنا پڑے گا۔‘‘
	اور انتظار تو ہر معاملہ میں تھا، بچوں کے پڑھ جانا کا انتظار، ان کی نوکریاں لگ جانے کا انتظار، ان کی شادیاں اور پھر ان کے بچوں کا انتظار اور سب سے بڑھ کر ریٹائر ہونے اور اگلی منزل سے قریب۔۔۔  قریب تر ہونے کا انتظار! 
	انتظار ایک ست رنگا پرندہ ہے، جس کے رنگوں کی پھوار میں ہم اس کے پیچھے پیچھے چلتے رہتے ہیں ، اور وہ مرحلہ آ جاتا ہے جہاں اگلا سفر درپیش ہے لیکن خواہش دیوتاؤں کے دَور میں واپسی لے جانا چاہتی ہے۔ 
	جب اس کے سرہانے سورۃ یٰسین پڑھی جا رہی تھی، اس نے نیم وا آنکھوں سے روتی ہوئی بیوی کو دیکھا اور سوچا، اب واپسی ہے لیکن دیوتاؤں کے دور میں ، مگر آنکھ کھلی تو ایک شخص اسے گود میں لیے بڑے رسان سے اس کے کان میں اذان دے رہا تھا ! 
	’’وقت کے سفر میں ماضی نہیں ، ایک جبری مستقبل ہے۔‘‘ اس نے سوچا اور انگلی سے چٹائے گئے شہد کی مٹھاس میں گم ہو گیا!
٭٭٭





شیشۂ دیدہ سے دور 


	نیم تاریکی میں گردن گردن ڈوبی ہوئی سیڑھیاں قرنوں سے اس کی منتظر تھیں کہ وہ آئے تو وقت کی دھند میں چھپی خوشبوئیں پھر مہک اٹھیں ، وہ آنا چاہتا تھا، آنے کے لیے تڑپ رہا تھا، لیکن ابھی حکم نہیں ہوا تھا، جب بھی جانے کی اجازت مانگتا مرشد کچھ کہنے کی بجائے ہونٹوں پر انگلی رکھ کر گہرے مراقبہ میں گم ہو جاتا۔
	وقت کے اس لمحہ میں ، جو فی الوقت موجود تھا، وہ نہ آگے نہ پیچھے کی کیفیت میں ، اپنے ہونے کو محسوس کرنا چاہتا تھا، مگر اس کا ہونا نہ ہونے کے برابر تھا، کہ نہ اس کا کوئی ماضی تھا نہ مستقبل، بس وقت کا یہ لمحہ تھا،  جہاں رکادہ صرف اس لیے سانس لے رہا تھا کہ تھا۔
	’’نہ ہوتا تو کیا تھا‘‘ وہ سوچتا،  مرشد سے پوچھنا چاہتا تھا کہ نہ ہوتا تو کیا ہوتا، لیکن ہر شے زبانِ حال سے اپنی حقیقت بیان کرتی تھی کہ وہ خود ہی اپنی حاکم ہے اور خود ہی اپنی محکوم۔
	تو وہ اگر اپنا حاکم خود تھا تو وقت کے اس لمحہ کا زندانی کیوں بن گیا تھا، لوٹ جانے کا اِذن کیوں نہیں مل رہا تھا۔ وہ نیم تاریک سیڑھیاں تو مدتوں سے اس کی منتظر تھیں کہ وہ ان پر قدم رکھے تو وقت پیچھے چلا جائے اور وہ سارے رنگ، جو کبھی تھے، کھکھلا اٹھیں۔ 
	مرشد نے ایک بار کہا تھا۔۔۔  ’’جس کو اس نے یاد کیا وہ سعید ہوا اور موجودات میں کوئی ایسی چیز نہیں جسے وہ کبھی نہ کبھی یاد کرے۔‘‘
	’’لیکن مجھے تو وہ یاد نہیں کرتا، میں اس کے لیے ایک بھولا ہوا نقطہ ہوں ، جس کے گرد کا دائرہ معدوم ہو چکا ہے۔‘‘
	اسے سو چ میں گم دیکھ کر مرشد نے آنکھیں کھولیں ، مسکرایا اور بولا۔۔۔  ’’حکم بھی صفت مخلوقیت سے موصوف نہیں کیونکہ وقت نہ موجود ہے اور نہ معدوم۔‘‘
	اس نے اپنے اندر دور کہیں وقت کے وجود کو محسوس کیا اور کہنے لگا۔۔۔  ’’حال نہ عین ذات ہے اور نہ عین علم، صرف وقت ایک حد ہے جو مجھے لوٹنے سے روکتی ہے۔‘‘
	نیم تاریک سیڑھیاں منتظر تھیں کہ وہ اس کا ماضی تھیں اور حال ایک تنگ دائرہ تھا کہ وہ اس کے اندر گھوم سکتا تھا مگر اس سے نکلنے کی کوئی صورت نہ تھی کہ جزو پر کل کا اطلاق ممکن نہ تھا۔ 
	برسوں گزرے ایک طویل سفر طے کر کے وہ یہاں آیا تھا، شہر کے باہر ایک ٹیلے پر رکا اور وہیں بیٹھ گیا۔ ایسا بیٹھا کہ آخری سانس تک وہیں بیٹھا رہا، اس کی وصیت کے مطابق مریدوں نے وہیں دفن کر دیا۔۔۔  یہ ٹیلہ ان سیڑھیوں سے ایک جست کے فاصلے پر تھا، اس وقت بھی جب ٹیلہ پر اس کے گرد ایک ہجوم رہتا، وہ اس کی منتظر تھی لیکن یہ بیراگ نہ تھا، جواب تھا، اس وقت اس کے وجود کی خوشبو دن رات میں کئی مرتبہ ان سیڑھیوں سے گزرتی، اوپر مسجد تک آتی، اس وقت یہ نیم تاریکی بھی نہ تھی، آٹھوں پہر روشنی ہی روشنی تھی اور اتنے قدم اوپر نیچے آتے کہ گنتی مشکل تھی اور یہ اس کے ہونے کا زمانہ تھا۔ 
	پھر اس کا ہونا نہ ہونے میں بدل گیا، ایک طویل عرصہ وہ ہوتے ہوئے بھی نہ تھا، وقت کے ساحر نے اس کے وجود کو تو باقی رہنے دیا تھا لیکن اس کے اندر سے ساری قوتوں کو سلب کر لیا تھا کہ وہ تھا اور نہیں تھا۔ 
	نہیں تھا تو ہونے کا احساس بھی نہ تھا، سیڑھیاں چڑھنے کی سکت بھی نہ تھی۔ سکت نہیں تھی تو خواہش نہیں تھی۔ وہ اس کے کوچہ سے گزرتا تھا لیکن اس کی دیواروں کو بوسہ دینے کی تمنا نہیں تھی، یا شاید تمنا تو تھی لیکن سکت نہیں تھی۔ یہ ایک راز تھا جو کبھی اظہارِ وجود میں پھرتا، کبھی عاری ہو جاتا اور کبھی کوئی لباس پہن لیتا۔ 
	لباس ظاہر تھا،  وہ طویل عرصہ تک لباس میں رہ کر بھی بے لباس رہا۔ یہ اس کا مقدر نہیں تھا بلکہ جہد سے عاری ہونا تھا۔ 
	وہ پانیوں پر چلتے آئے تھے اس سے کچھ مراعات طلب کی تھیں لیکن انہیں جلد ہی لباس میں اس کی بے لباسی کا علم ہو گیا، سو انہوں نے اسے ظاہری لباس سے بھی محروم کر دیا۔۔۔  ستر چھپانے کے لیے سر جھکانا ضروری تھا، سر جھکاتا تو یہ سیڑھیاں بے رونق ہو جاتیں اور سر اٹھتا تو ستر بے ستر ہو جاتا۔۔۔  
	ایک لمبا عرصہ وہ اسی گو مگو کی حالت میں رہا کہ سر اٹھائے یا ستر چھپائے، پھر ایک قلندر آیا، اسے اس حال میں دیکھ کر للکارا۔۔۔  اسے اپنے ہونے کے احساس سے ہمکنار کیا کہ روح اپنے تعشق میں محسوسات کی معذوری سے نکل کر مطلوب کے دیدار سے سرشار ہوئی۔۔۔  اسے ان نیم تاریک سیڑھیوں کا خیال آیا جو اس کی حالتِ غیب کی وجہ سے ان حالوں کو پہنچی تھی، ورنہ کبھی یہاں یہ عالم تھا کہ روشنیاں ایک دوسرے سے لپٹ لپٹ جاتی تھیں اور پاؤں پاؤں سے ٹکراتے تھے۔ یہ اس کی حالتِ ظاہر و حاضر کا دور تھا، لیکن کوئی دور ہمیشہ نہیں رہتا، کہ صدا قائم رہنے والی ذات تو اس کی ہے جس کی صفات کی وہ ادنیٰ سے جھلک تھا۔ اس جھلک کا احساس تو مرشد نے دلایا تھا لیکن مرشد صرف سوچتا ہے اور تلاش کرتا ہے۔ اسے بہت کچھ جاننے کی جستجو ہے اور اس جستجو کے لیے وہ مسلسل جاگ رہا ہے، مرشد نے اسے بھی جاگنا سکھایا تھا، لیکن آگے بڑھنے کے لیے قلندر کی ضرورت تھی اور قلندر اپنے وقت پر ہی آتے ہیں۔ سو جب وقت آیا تو قلندر بھی آگیا۔ سفر آغاز ہوا لیکن یہ سفر دوسری سمت کا تھا، نیم تاریک سیڑھیاں دور کہیں رہ گئیں۔ 
	سفر نے نئے منظر دکھائے لیکن اس کے دن نہیں پھرے، اس کی اوقات وہی رہی۔۔۔  غلام ابنِ غلام۔۔۔  ابنِ غلام!
	اور غلام نیم تاریک سیڑھیوں کو منور نہیں کر سکتے،کہ ان کی روشنی،  روشنی ہوتے ہوئے بھی روشنی نہیں ہوتی! 
٭٭٭




خلشِ غمزۂ خوں ریز 


	یہ خواہش تو بچپن ہی سے تھی کہ رات کو اپنے بستر میں سوتے ہوئے کسی اَن دیکھے سفر پر نکل جائے اور صبح کہیں کا کہیں پہنچ جائے۔ خاص طور پر جب ماں سے ڈانٹ پڑتی اور ردِ عمل کے اظہار پر مار پڑنے کا ڈر ہوتا تو چاہتا تھا کہ صبح جب ماں اسے جگانے لگے تو بستر میں موجود نہ ہو۔ ماں آوازیں دے، ڈھونڈے اور پھر پریشان ہو کر باؤ لوں کی طرح اِدھر اُدھر بھاگے اور وہ دور کہیں سے ’’ہاؤ‘‘ کہہ کر اسے ڈرا دے، یا پھر کسی دن سکول کا کام مکمل نہ ہونے پر اس ڈر سے کہ ماسٹر صاحب کے بید ہتھیلیوں پر خون جما دیں گے، اس کا دل چاہتا کہ صبح وہ اپنے بستر سے برآمد نہ ہو۔ لیکن یہ سب دل کی باتیں تھیں ، روز اسی طرح سونا اور اسی طرح ڈانٹ کھا کھا کر آنکھیں ملتے اٹھنا اور نیم سوتے نیم جاگتے میں سکول ڈرل میں حصہ لینا۔ 
	وہ ایک عام آدمی کا بیٹا تھا۔ عام گھر میں پیدا ہوا تھا جہاں بچپن کی خواہشیں ساری عمر سایوں کی طرح پیچھا کرتی ہیں۔ اس کی یہ خواہش بھی عمر کے ساتھ پھیلتی گئی، بڑا ہوا تو امتحانوں میں مقابلہ شروع ہو گیا اور آگے نکلا تو نوکریوں کی دوڑ شروع ہو گئی۔ ہر بار اس کا جی چاہتا کہ مقابلہ والے دن وہ اپنے بستر سے برآمد نہ ہو، بس رات کو سوتے ہوئے دور کہیں نکل جائے، لیکن عام آدمی مسائل سے بچ کر کہیں نہیں جا سکتا۔ اس کی خوشیاں بھی خوف سے لبریز ہوتی ہیں اور خوف میں بھی طرح طرح کے وسوسے ڈرمیں اضافہ کرتے رہتے ہیں ، سو دن بھر کی بک بک جھک جھک کے بعد رات ہی تنہائی کا ساتھی تھی لیکن اس میں بھی یہ خواہش کہ سوتے ہوئے کہیں دور نکل جائے اور صبح۔۔۔  
	یہ خواہش شادی کے ابتدائی عرصہ میں کچھ مدھم پڑ گئی کہ جیسے ہی تنہائی کا،  کہیں دور چلے جانے کا احساس سر ابھارتا، نقرئی چوڑیوں کی کھنک، اور گرم گداز جسم کی گرماہٹ بکل میں دبا لیتی، بیوی کے شانوں پر سر رکھ کر زندہ رہنے کا ایک احساس ہوتا اور چاہتا کہ صبح وہ اپنے بستر ہی سے نمودار ہو۔ شیو کرتے، ناشتے میں چائے کی چسکیاں لیتے،  کوئی ہمدرد پیار بھری آواز قدم قدم پر آگے جانے کا حوصلہ دیتی، پھر بچوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ پہلے بچے نے خوب جگایا، بچے عام طور پر یہی کرتے ہیں ، دن کو سوتے ہیں ، راتوں کو جاگتے ہیں۔ اب رات رات بھر جاگیں ، دودھ کے لیے روئیں تو نیند کہاں اور نیند نہ ہو تو سوتے ہوئے کہیں دور نکل جانے کا خیال کہاں ، سو ہر صبح نیم بیزاری کے ساتھ اپنے ہی بستر سے برآمد ہونا مقدر ٹھہرا۔ لیکن یہ صورتِ حال ہمیشہ کے لیے نہیں تھی، بچے ذرا بڑے ہوئے تو کہیں دور نکل جانے کے خیال نے کئی صورتیں بنا لیں۔ یہ سوتے میں کہیں دور نکل جانے کا خیال بچپن سے اس کے ذہن میں چپکا ہوا تھا، اس کی صورتیں البتہ بدلتی رہتی تھیں۔ ایک زمانے میں ماں کی ڈانٹ،  سکول نہ جانے کا بہانہ اور پھر گھر کی مجموعی بیزاری۔۔۔  لیکن زمانے کے ساتھ ساتھ حالات میں بہتری ہوئی تو دور جانے کے خیال نے بھی اپنی صورتیں بدل لیں۔ خاص طور پر مرشد سے ملنے کے بعد اس کے معنی بدل گئے۔ مرشد نے پہلی بار اس موجود دنیا کے اندر مستور ایک اور دنیا کے معنوں سے آشنا کیا۔ اب خواہش تھی کہ رات کو اپنے بستر میں سوتے سوتے کسی اَن دیکھے سفر پر نکل جائے اور صبح کہیں کا کہیں پہنچا ہوا ہو۔۔۔  یہ کہیں اسی موجود کے اندر ہی کوئی اَن دیکھی جگہ تھی یا اس سے پرے، دور کسی خلا میں ،  اس کا ابھی پتہ نہ تھا۔ بس ایک خواہش تھی کہ یہ سفر کسی ان دیکھے اسرار پر ختم ہو۔ 
	’’ان دیکھے اور دیکھے میں کتنا فرق ہے؟‘‘ اس نے مرشد سے پوچھا۔ 
	 ’’ہلکی سی سرمئی دھند سے بھی کم۔‘‘مرشد نے جواب دیا۔ 
	’’اور موجود دنیا کے اندر جو دوسری دنیا ہے۔۔۔ ‘‘
	’’اس کی مثال چھلکے کی طرح ہے، جیسے ایک بعد دوسرے اور آخر میں کچھ نہیں رہتا۔‘‘
	’’تو پھر تو کچھ فرق نہ ہوا۔‘‘اس نے حیرت سے کہا۔ 
	’’یہ فرق محسوس کرنے والا ہے۔اس سیمرغ کی کہانی تو تم نے سنی ہی ہو گی جو حقیقت کو دریافت کرنے نکلا تھا اور طویل سفر کے بعد جب وہ آئینہ حقیقت کے سامنے پہنچا تو اسے اس میں اپنا آپ ہی نظر آیا،  سو ہم ہی حقیقت ہیں اور ہم ہی غیر حقیقت!‘‘
	’’اور سامنے ایک ان دیکھا سفر ہے، جسے طے کر کے کسی صبح اَن جانی دنیا میں پہنچنا ہے۔‘‘ اس نے سونے سے پہلے سوچا۔ 
	پہنچتے تو سب وہیں ہیں مگر اس کا احساس کتنوں کو ہوتا ہے کہ کہاں پہنچتے ہیں اور کیوں ؟
	’’سب اٹھ کر نہیں بیٹھ جائیں گے۔‘‘مرشد نے کہا۔ 
	اس نے استعجاب سے اسے دیکھا۔ 
	’’جس کے اندر حقیقت کو جاننے کی شمع روشن ہے، روشنی اسے ہی نظر آئے گی۔‘‘
	’’اور یہ ہجوم؟‘‘
	’’خاک خاک سے مل جاتی ہے، روح روح سے، عین الحقیقت، ایک تیز چمک ہے جس کے سامنے ہر شے ماند ہے۔‘‘
	زندگی تو کئی رُخی ہے، ہر رخ کی ایک جہد ہے۔۔۔  لمحے اسی جہد میں گزر جاتے ہیں ، وقت کی دھار کے سامنے بے بس وجود، ماضی، حال اور مستقبل کے سرابوں سے گزرتا ہوا، ایک ان دیکھے سفر کا طالب۔۔۔  
	’’طالب و مطلوب و مقصود بھی عجب سلسلے ہیں۔‘‘ اس نے سوچا۔ 
	بچپن میں چھوٹے مسائل اور خوف سے بھاگ کر کہیں چلے جانے کی خواہش،  پھر بڑھتے مسائل اور زندگی کی مسلسل تگ و دو سے نکل کر چند لمحوں کے لیے عافیت اور سکون کی خواہش، پھر ذمہ داریوں سے کسی حد تک فارغ ہونے کے بعد یہ خواہش کہ اب سچ کو جانا جائے اور سچ ہے کیا؟
	’’خود کو سمجھنا۔‘‘مرشد نے سر ہلایا۔ 
	’’اور سمجھتے سمجھتے خاک ہو جانا۔‘‘وہ ہنسا۔ 
	’’خاک ہو کر بھی خاک نہ ہونا، ہونے کا احساس ہے۔‘‘مرشد بولا۔ 
	یہ ہونے کا احساس ہی تو ساری گڑ بڑ ہے، ورنہ عمر کے اس حصہ میں اسے کوئی بڑی فکر نہ تھی۔ بچوں نے اپنی اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں ، بیوی پہلے سے زیادہ خیال رکھتی تھی۔ آرام سے اٹھنا، ناشتہ کرنا، اخبار پڑھنا، جی چاہا تو بازار سے کچھ خرید لانا، ورنہ گھر میں ان کاموں کے لیے نوکر موجود تھا۔ ساری زندگی مالی مشکلات کی وجہ سے بیوی سے جو تلخی رہی تھی، وہ بھی ختم ہو گئی تھی۔ سو وہ بے چینی اور کسی ان جانے سفر پر نکل کر کہیں اور پہنچ جانے کی خواہش کئی صورتیں بدل کر اب عین الحقیقت کو جاننے کی تمنا میں بدل گئی تھی۔ 
	’’آدمی زندگی کے کسی بھی حصہ میں کسی بھی صورت میں ہو پریشانی اس کا مقدر ہے۔‘‘ اس نے مرشد سے کہا۔ 
	’’لیکن یہی پریشانی تو ہونے کی نشانی ہے۔‘‘ مرشد نے جواب دیا۔ 
	’’یہی شاید میرے ہونے کی دلیل ہے‘‘ اس نے سوچا۔۔۔  ’’اور میرا اَن جانے سفر پر نکل جانے کا شوق بھی اسی کا حصہ ہے۔‘‘
	لیکن اب سفر کہاں۔۔۔  ایک زمانہ تھا کہ رات گئے تک گھر آنے کو جی نہیں چاہتا تھا، اور اب گھر سے نکلنے کی خواہش نہ ہوتی۔ بیوی کہتی بھی کہ کسی محفل میں ہو آؤ، دوستوں سے مل آؤ، لیکن وہ صوفے میں دھنسا، اخبار پڑھتا یا ٹی وی کے چینل بدلتا رہتا۔ 
	’’شاید سب کچھ ایک نقطہ پر اَٹک گیا ہے۔‘‘اس نے مرشد سے کہا۔ 
	’’تیز رفتاری کے بعد کہیں ایک نقطہ پر اَٹکنا آگے جانے کے لیے ایک لمبا سانس لینے کا وقفہ ہے۔‘‘مرشد نے جواب دیا، پھر نقطہ سمٹنے لگا۔ اس نے لمبا سانس لیا اور اس رات مرشد کے ساتھ ایک لمبی زقند لگا کر اَن دیکھے سفر پر نکل پڑا۔ ایک نئی دنیا کی تلاش میں۔ 
	صبح بیوی نے حسب معمول جگایا تو وہ اٹھا ہی نہیں۔ 
٭٭٭





فتادگی میں ڈولتے قدم


	وہ مرشد کے ہمراہ ساحل کے ساتھ ساتھ اپنی جڑیں تلاش کرنے نکلا تھا، روانہ ہوتے ہوئے اس نے کہا تھا۔۔۔  ’’حال کی صورت تو یہ ہے کہ نہ میری رائے کوئی اہمیت رکھتی ہے نہ میری محنت کے کوئی معنی ہیں ، چلو دیکھیں شاید ماضی میں میری کوئی پہچان ہو۔‘‘
	مرشد بولا۔۔۔  ’’حال ٹھیک نہ ہو تو ماضی کی پہچا ن کوئی معنی نہیں رکھتی۔‘‘
	اس نے کوئی جواب نہ دیا، دونوں ساحل کے ساتھ ساتھ بادبانی کشتی میں اپنی جڑوں کی تلاش میں کہاں جا رہے تھے، اسے اس کی کچھ خبر نہ تھی۔ کشتی تیز ہوا کے رقص میں کسی ایسی منزل کی طرف رواں تھی، جس کے بارے میں گمان تھا کہ اس کی جڑیں وہاں ہیں۔ 
	برسوں پہلے اسی طرح کی کشتی میں وہ اِدھر آیا تھا، واپس جانے کے ارادے سے، لیکن وہ واپس نہیں گیا، یہیں رہ گیا اور برسوں تک یہی سمجھتا رہا کہ اب اس کی جڑیں یہیں ہیں۔ 
	ہوا کے رقص میں ذرا ٹھہراؤ آیا تو کشتی کی رفتار سست پڑ گئی۔ 
	مرشد بولا۔۔۔  ’’ہر قوم جس کے پاس اپنے وقت کے نئے نظریات ہوتے ہیں ، اپنے حال کی تعمیر کرتی ہے اور جب یہ نظریات پرانے ہو جاتے ہیں اور وہ قوم تازہ ہواؤں کے دریچے بند کر دیتی ہے تو تاریخ کے قبرستان میں دفن ہو جاتی ہے۔‘‘
	’’تاریخ کا قبرستان‘‘ اس نے حیرت سے پوچھا۔ 
	’’ہاں تاریخ کا بھی اپنا ایک قبرستان ہے،‘‘مرشد نے کہا۔۔۔  ’’جہاں اَن گنت قومیں دفن ہیں اور ان کے ناموں کی تختیاں اب صرف تاریخی نام ہیں۔‘‘
	دونوں اس قبرستان میں گئے۔ قطار در قطار قبروں پر ناموں کی تختیاں آویزاں تھیں۔ مرشد بولا۔۔۔  ’’یہ سب اپنے اپنے وقت میں اپنی پہچان رکھتی تھیں ، لیکن انہوں نے اپنے قدم وقت کی رفتار کے ساتھ نہیں ملائے، سو ان کی جگہ وہ آ گئے جو وقت کی صدا کو سن رہے تھے اور انہوں نے اس کا ساتھ دیا۔‘‘
	اسے یاد آیا، جب وہ اِدھر آیا تھا تو بے شک ایک بے سر و سامانی کا عالم تھا، لیکن ان کے خیالات تازہ تھے، جینے کا جواز تھا اور بہت کچھ کرنے کا حوصلہ، انہوں نے بہت کچھ کیا بھی، لیکن ساڑھے چھ سو سال کی حکمرانی نے انہیں دیمک کی طرح اندر ہی اندر چاٹ لیا، پھر ایک طویل ریگ زار،  وہاں سے نکلے تو اسی ریگ زار کی بدلی ہوئی صورت مقدر بنی، اب معلوم نہیں اس میں قصور کس کا تھا۔ ان کی تگ و دو کی سمت کا، یا نوے سال کی غلامی کا کہ وہ آزاد ہو کر بھی غلام ہی رہے۔ وہی چند خاص آدمی خاص رہے اور وہ جو عام آدمیوں کی طرح تھا، عام آدمی ہی رہا۔ نسل در نسل عام آدمی۔۔۔  جس کے خواب کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہوتے۔ 
	تاریخ کے اس قبرستان کے ایک کونے میں کھڑے کھڑے اس نے مرشد کو دیکھا، جو تختیوں پر لکھے نام پڑھ رہا تھا۔ 	
	’’وقت کیا شے ہے؟‘‘مرشد بڑبڑایا۔۔۔  ’’فنا کا ایک ریلا جو ہر شے کو اپنے ساتھ بہا لے جاتا ہے۔‘‘
	’’صرف نام اور پہچان باقی رہ جاتی ہے۔‘‘ وہ بولا۔۔۔  ’’لیکن میری تو پہچان بھی گم ہو گئی ہے اور نام۔۔۔  میرا نام میرے مشکوک ہونے کی علامت بن گیا ہے۔‘‘
	اسی شک کو دور کرنے وہ اپنی جڑوں کی تلاش میں نکلا تھا۔۔۔  اور جڑیں تو بہت دور دور تک پھیلی ہوئی تھیں ، ساحل کے ساتھ آبادیوں میں وہ موجود تھا اور نہیں بھی تھا۔ کہیں وہ تھا لیکن قبول نہیں کیا جا رہا تھا اور کہیں قبول تھا لیکن وہ خود قبول ہونا نہیں چاہتا تھا۔ 
	’’یہ کیا اسرار ہے، میں کہاں ہو اور کہاں نہیں ہوں۔‘‘اس نے اپنے آپ سے پوچھا۔ 
	مرشد نے اس کی سوچ کو محسوس کر لیا۔۔۔  ’’تم نہ ماضی ہو نہ حال اور جن کا ماضی حال نہ ہو مستقبل بھی ان کا نہیں ہوتا۔‘‘
	وہ بہت دیر تک چپ رہا، پھر بولا۔۔۔  ’’میرے ساتھ جو ہوا سو ہوا لیکن میرے بچوں کا کیا بنے گا، ان کی پہچان کیا ہے؟
	کشتی ایک جگہ رک گئی۔ 
	سمندر کے متلاطم سینے سے ابھرتی ایک بہت بڑی صلیب انہیں اپنی طرف بلا رہی تھی، اس نے حیرت سے دیکھا اور بولا۔۔۔  ’’یہ صلیب اور یہ جگہ۔‘‘
	مرشد ہنسا۔۔۔  ’’اس کا آرکیٹکچر ان سے ہاتھ کر گیا۔‘‘
	’’ان کو آخر تک معلوم نہیں ہوا؟‘‘اس کی حیرت اور بڑھ گئی۔
مرشد آہستہ سے بولا۔۔۔  ’’اب دیکھو نا، تیل ان کے پاس ہے لیکن اسے نکالنا کا طریقہ انہیں نہیں آتا اور نہ یہ اسے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘‘
	اس نے سر ہلایا۔ 
	’’اور وہ ان سے ہر بار ہاتھ کر جاتے ہیں۔‘‘ قدرے توقف کے بعد وہ بڑبڑایا۔ 
	’’یہ ہاتھ تو تمہارے ساتھ بھی ہو چکا ہے۔‘‘
	اس نے سوالیہ نظروں سے مرشد کو دیکھا۔ 
	’’تمہارا شاہی محل بھی تو آٹھ کے ہندسے کی علامت ہے۔‘‘ مرشد ہنسا۔ 
	اسے محسوس نہ ہوا کہ اس ہنسی میں طنز ہے یا تاسّف۔ لیکن یہ تاسّف تو تاریخ کے ہر صفحہ پر موجود ہے۔ 
	اسے سوچ میں گم دیکھ کر مرشد نے پوچھا۔۔۔  ’’کس سوچ میں گم ہو؟‘‘
	’’ایک بات یاد آ گئی ہے۔‘‘
	مرشد نے سوالیہ نظروں سے اس کی طرف دیکھا۔ 
	’’جس لڑائی میں ہماری قسمت کا فیصلہ ہوا، اس کی روداد بھی عبرتناک ہے، ہمارے سپاہیوں کی تعداد اکسٹھ ہزار تھی اور ان کے پاس اکیس ہزار تھے، ان میں سے بھی چودہ ہزار کرائے کے تھے، وہ خود صرف سات ہزار تھے۔‘‘
	وہ چپ ہو گیا، بہت دیر چپ رہا، مرشد نے کچھ نہ پوچھا، وہ خود ہی بولا۔۔۔  ’’ترپال یہاں کی ایجاد ہے لیکن اُس رات بارش میں ہم بارود پر ترپا ل ڈالنا بھول گئے اور انہوں نے اپنا بارود ڈھک لیا، صبح بارود توپوں میں ڈالا تو۔۔۔  ؟‘‘ وہ پھر چپ ہو گیا۔ 
	مرشد کچھ دیر اس کی دیکھتا رہا کہ شاید وہ کچھ کہے، لیکن جب وہ کچھ نہ بولا تو مرشد نے کہا۔۔۔  ’’بھول نہیں گئے، خیموں کی بزم آرائیوں میں اس کا خیال ہی نہیں رہا۔‘‘
	’’ہزیمت۔۔۔  ’’زوال ایک دفعہ آغاز ہو جائے تو پھر ہر قدم ہزیمت کی طرف ہی اٹھتا ہے۔‘‘وہ بڑبڑایا۔ 
	دونوں کافی دیر خاموش رہے، پھر اس نے پوچھا۔۔۔  ’’یہ عروج و زوال کیا ہے؟‘‘	
	’’جب قومیں وقت کی آواز کو سنتی اور اس پر عمل کرتی ہیں تو یہ عروج ہے اور جب وہ وقت کی آواز کو سننے سے انکار کر دیتی ہے تو یہ زوال ہے۔‘‘مرشد نے کہا۔ 
	’’یہ انکار معذوری ہے یا کوتاہی؟‘‘اس نے پوچھا۔ 
	’’دونوں ہی‘‘ مرشد نے جواب دیا۔۔۔  ’’دیکھو نا جیسے ہر قبر اپنا مردہ طلب کرتی ہے، تاریخ کے قبرستان کی ہر قبر بھی اپنی قوم طلب کرتی ہے۔ 
	’’تو عروج صرف ایک عرصہ ہے۔‘‘و ہ بولا۔۔۔  ’’اوّل و آخر فنا ہی ہے۔‘‘
	اسے کچھ سکون سا ملا، ’’یہ سبھوں کے ساتھ ہوتا ہے، پھر میں یہ رونا کیوں رو رہا ہوں۔‘‘
	’’کیونکہ تم اپنے زوال کو ذہنی طور پر قبول نہیں کر رہے۔‘‘
	’’میں تو صرف اپنی جڑوں کو تلاش کر رہا ہوں کہ جان سکوں کہ میں ہوں کون اور وقت کے اس سیلِ رواں میں میرے لیے آگے کیا ہے؟‘‘
	جڑوں کی تلاش کا یہ سفر ساحلوں کی ریت چاٹتا، شہروں کی روشنیاں سمیٹتا، اب کھلے سمندر میں آ نکلا تھا، چاروں طرف موجیں مارتا پانی، اوپر کھلا آسمان اور چھوٹی سی کشتی، جس میں وہ اور مرشد چپ چاپ بیٹھے ایک دوسرے کو دیکھ رہے تھے۔ کشتی نیم ڈولتی نیم چلتی بڑے سمندر سے نکل کر پانی کی ایک اور راہداری میں آ گئی اور گزرتے گزرتے کالی بھوری مٹی ملی ریت کے ساتھ آ لگی، رات نے ابھی اپنا بادبان کھولا ہی تھا، اس نے سر اٹھا کر دور۔۔۔  بہت دور ٹمٹماتی سی روشنیوں کو دیکھا، معلوم نہیں روشنیاں تھیں بھی یا اس کا وہم تھا۔ 
	’’وہ دور ٹمٹماتے دئیے۔‘‘وہ بڑبڑایا۔ 
	مرشد نے دیکھا،  لیکن بتایا نہیں کہ اسے بھی یہ دئیے نظر آ رہے ہیں یا نہیں۔ 
	’’یہ بھی میرا ماضی ہے۔‘‘وہ بولا۔۔۔  ’’سات سو سال ہم وہاں رہے لیکن یا عبرت!۔۔۔  پھر ایک ہزار سال تک دریائے کبیر کی لہروں نے اذان کی آواز نہیں سنی۔‘‘
	’’وقت کے ہر لمحہ پر عبرت کا نشان موجود ہے۔‘‘مرشد نے کہا۔۔۔  ’’لیکن صرف ان کے لیے جو اسے دیکھ سکتے ہیں۔‘‘
	’’یہ میری تاریخ ہے‘‘ اس نے جیسے خود سے کہا۔ 
	’’لیکن جغرافیہ کے بغیر تاریخ کے کوئی معنی نہیں۔‘‘ مرشد بولا۔۔۔  ’’اور کبھی کبھی یوں بھی ہوتا ہے کہ جغرافیہ کے باوجود تاریخ کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی۔‘‘
	اس نے سر اٹھا کر مرشد کی طرف دیکھا، مرشد اس کی آنکھوں میں ٹمٹماتے سوال کو پڑھ لیا اور بولا۔۔۔  ’’تاریخ گم ہو جائے تو جڑوں کو تلاش کرنا پڑتا ہے۔‘‘
	’’یہ تلاش بھی عجب شے ہے۔‘‘ اس نے جواب دیا۔۔۔  ’’ہم ہمیشہ کچھ نہ کچھ تلاش کرتے رہتے ہیں ،  مجھے دیکھو، میں کبھی حقیقت الحقیقت کی تلاش میں تھا اور اب خود کو ڈھونڈ رہا ہوں۔‘‘
	مرشد ہنسا۔۔۔  ’’یہ تو بھول بھلیاں ہیں ، اپنی تلاش، اس کی تلاش، سب ایک ہی سفر کے مختلف مرحلے ہیں۔‘‘
	کچھ دیر چپ رہا پھر بولا۔۔۔  ’’لیکن یہ اپنی جڑوں کی تلاش، اپنی تلاش نہیں بلکہ اپنے ڈولتے وجود کو سہارا دینے کی کوشش ہے۔‘‘
	’’میرا وجود گملے میں نہیں اُگا، میری جڑیں زمین میں ہیں۔‘‘ اس نے جھنجلاہٹ سے کہا۔۔۔  ’’میں صرف یہ جاننا چاہتا ہوں کہ یہ جڑیں پھیلتے پھیلتے کہاں کہاں پہنچی ہیں ، کیسے کیسے تناور درخت بنی ہیں۔‘‘
	’’اور پھر یہ درخت کیسے کیسے اور کس کس خزاں کا شکار ہوئے ہیں۔‘‘
	مرشد کے لہجے میں طنز تھا۔ 
	اس نے اس طنز کو محسوس نہیں کیا، اپنی روانی میں بولتا رہا۔۔۔  ’’مشرق سے مغرب تک میری نشانیاں کہیں نہ کہیں موجود ہیں۔‘‘
	مرشد خاموش رہا۔ 
	سمندر کے دوسرے کنارے ٹمٹماتی روشنیاں موجود تھیں یا نہیں ، لیکن اس نے انہیں دیکھا، دیکھتا رہا، پھر بولا۔۔۔  ’’یہ سات سو سال بھی عروج و زوال کی نہ بھولنے والی داستان ہیں ، اس داستان میں بھی دو بڑے کردار ہیں ، ایک کو یورپ والے لے گئے اور وہ ابوالعلم کہلایا، میں نے اسے نہیں اپنایا، جسے میں نے اپنایا اس نے مجھے کل اور جزو میں ڈال کر واہمات میں دھکیل دیا۔‘‘
	’’تم نے صرف اپنے اندر جھانکا۔‘‘ مرشد نے کہا۔۔۔  ’’اور باہر سے بے خبر ہو گئے۔‘‘
	’’لیکن اب میں جاگ گیا ہوں۔‘‘
	’’تمہارا جاگنا، ان درویشوں کا جاگنا ہے جو اپنے کتے کے ساتھ غار میں سو گئے تھے، جب جاگے تو دنیا ہی بدل چکی تھی۔‘‘
	اس نے سوالیہ نظروں سے مرشد کی طرف دیکھا۔ 
	’’پرانے حلیہ کے ساتھ غار سے نکل کر شہر میں آؤ تو اجنبی ہو جاتے ہیں اور اجنبیوں سے ہر کوئی بدکتا ہے۔‘‘
	وہ سوچ میں پڑ گیا۔۔۔  ’’میں تو اپنی جڑیں تلاش کرنے نکلا تھا اور مرشد مجھے اجنبی بنانے پر تُلا ہوا ہے۔‘‘
	’’میں اجنبی کیسے ہوں ؟‘‘ اس نے پوچھ ہی لیا۔ 
	’’پچھلے چھ سو سالوں سے تم نے علم کی دنیا میں ایک کومے کا بھی اضافہ نہیں کیا۔‘‘ 
	مرشد نے جواب دیا۔۔۔  ’’صرف اپنی ذات کے تالاب میں ڈوبے رہے، اس تالاب پر کتنی کائی جم چکی ہے تمہیں اس کا اندازہ ہی نہیں۔‘‘
	’’تو میں ایک مینڈک ہوں جو اپنی ذات کے تالاب میں ٹرائے جا رہا ہے۔‘‘وہ بڑبڑایا۔ 
	بہت دیر خاموشی رہی، دور۔۔۔  بہت دور ساحل پر ٹمٹماتی روشنیاں رات کے گہرے بادبان میں چھپ گئی تھیں ، لہروں پر ڈولتی کشتی ساحل کے ساتھ لگی کچھ دیر کے لیے ساکت ہو گئی تھی۔ 
	اس نے دیکھا،  ستاروں بھرے آسمان کے نیچے،  کشتی میں اس کے سامنے بیٹھا مرشد ہیولہ سا لگ رہا تھا۔ 
	’’واپس چلتے ہیں۔‘‘اس نے کہا۔۔۔  ’’میری جڑیں وہیں ہیں جہاں سے میں آیا ہوں۔‘‘
	مرشد نے اثبات میں سر ہلایا۔۔۔  ’’پہلے اپنے آپ کو تو ٹھیک کر لو، پھر دنیا میں انقلاب لانے نکلنا۔‘‘
	وہ خاموش رہا۔ 
	کشتی واپسی کے سفر پر چل پڑی۔ 
٭٭٭




مجال خواب

	
	وہ تاریخ کے اس قبرستان میں دوسری بار آیا تھا،  پہلی بار جب وہ مرشد کے ساتھ اپنی جڑوں کی تلاش میں نکلا تھا تو ادھر سے گزر ہوا تھا،  لیکن یہ سفر ادھورا رہ گیا۔ جڑوں کی تہہ تک پہنچ کر بھی اسے کچھ ہاتھ نہ آیا۔ یہ سفرِ رائیگاں ، جہاں سے شروع ہوا تھا،  گھوم پھر کر وہیں آ ختم ہوا۔ مرشد اس موضوع پر بات نہیں کرتا تھا،  بلکہ اسے یوں لگتا جیسے وہ جان بوجھ کر اس ذکر کو نظر انداز کر رہا ہے۔
	’’قو میں عروج پر جا کر زوال کے راستے پر کیوں چل پڑتی ہیں۔ ‘‘ وہ بار بار پوچھتا،  لیکن مرشد جواب دینے کی بجائے کوئی اور بات شروع کر دیتا،  
آخر تنگ آ کر اس نے کہا۔ ’’میں تاریخ کے قبرستان میں ایک بار پھر جانا چاہتا ہوں۔‘‘
مرشد کچھ دیر چپ رہا۔ پھر بولا  ’’کیا کرو گے جا کر ‘‘
’’دیکھوں گا کہ یہ عروج و زوال آخر ہے کیا‘‘ 
مرشد نے شانے اچکائے۔۔۔  ’’ تو چلو‘‘
ہر قبر کے کتبے پر عروج و زوال کی پوری داستان رقم تھی 
وہ ایک ایک قبر پر رکتا،  سارا کتبہ پڑھتا۔ 
’’یارب تغیر،  یہ کیا اسرار ہے کہ ساری داستانیں ایک سی ہیں ،  لیکن کسی نے کسی سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ ‘‘
مرشد مسکرایا ! ’’عروج ایک نشہ ہے اور نشہ میں عقل کام نہیں کرتی‘‘
یا مظہر العجائب،  یہ بھی کیا معاملہ ہے کہ بینائی باطن کو تو دیکھ سکتی ہے لیکن قلب کو دیکھنے سے محروم ہے اور قوموں کے فیصلے بینائی کی بنیادوں پر ہوتے ہیں۔ یہ قبرستان بھی کیا عبرت کی جگہ ہے؟
مرشد نے اس کی سوچ پڑھ لی،  بولا، ’’عروج بھی وہی ہے اور زوال بھی وہی۔ تم نے اس فقیر کی حکایت سنی ہے جس سے ایک عورت نے مدد کی درخواست کی تھی۔ 
اس نے نفی میں سر ہلایا۔ 
ایک غریب عورت نے ایک فقیر سے التجا کی کہ اس کی بیٹی کی جہیز کے لیے کسی سے کچھ سامان مل جائے۔ فقیر اسے شہر سے باہر ایک دکان پر لے گیا اور کہا کہ دکاندار سے جو چاہے لے جائے۔ لیکن اپنے لیے کچھ نہ رکھنا۔ عورت نے جہیز کی ہر شے وہاں سے لے لی اور بیٹی کا بیاہ کر دیا۔ ایک دن اسے خیال آیا کہ اپنے لیے بھی کچھ لے لینا چاہیے۔ چنانچہ وہ سال بھر کا غلہ لے آئی۔ اگلے دن دکان غائب ہو گئی۔ کئی دن بعد فقیر نظر آیا تو عورت نے پوچھا وہ دکان کدھر گئی۔ فقیر نے کہا اپنے لیے ذخیرہ کر کے تو نے دکان کھودی اور سوال کر کے مجھے کھو دیا۔ یہ کہ کر فقیر غائب ہو گیا۔ ‘‘
مرشد چپ ہو گیا۔ وہ کچھ دیر اسے دیکھتا رہا پھر پوچھا۔۔۔ ’’ یہ کیا راز ہے۔ ‘‘
مرشد ہنسا۔ ’’راز یہ ہے کہ فقیر ہی دکاندار تھا،  فقیر ہی سامان تھا، 
 وہ کچھ دیر سوچتا رہا۔۔۔  پھر بولا!’’ قوموں کا عروج بھی فقیر کی طرح ہے۔ ‘‘
دفعتہً اسے احساس ہوا کہ قبرستان میں وقت نہیں ہے، وہ جس لمحے یہاں داخل ہوئے تھے۔ وہی لمحہ ابھی تک موجود ہے۔ 
’’وقت رک گیا ہے۔ یا ہم ٹھہرے ہوئے ہیں ‘‘۔ اس نے مرشد کی طرف دیکھا۔ 
’’وقت کے زمانے زندگی کے ساتھ ہیں ،  یہاں کوئی زمانہ نہیں ‘‘۔ مرشد بولا!
 ’’تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ جو محسوسات و تجربات حواس میں مقید ہیں ،  ان پر عقل صحیح کا اطلاق درست نہیں۔‘‘
مرشد نے اثبات میں سر ہلایا۔ ’’ وہ ہمیں ظاہر کر کے خود چھپ گیا ہے، جب ہم چھپ جائیں گے تو وہ ظاہر ہو جائے گا۔ ‘‘
کچھ دیر خاموشی رہی، پھر وہ بولا۔ ’’ان قبروں کی اور ان کتبوں کی حقیقت کیا ہے؟ 
’’ہر قبر ایک زمانہ ہے اور ہر کتبہ اس زمانے کا چہرہ ہے‘‘
’’وقت نے انہیں دھندلا دیا ہے۔‘‘
’’دو دریا ہیں۔ ‘‘ مرشد کہنے لگا۔ ’’بظاہر الگ الگ لیکن جو آنکھ رکھتا ہے اس کے لیے دونوں ایک ہیں۔‘‘
’’میرے پاس تو آنکھ نہیں ‘‘ اس نے تاسف سے مرشد کی طرف دیکھا‘‘ تم بتاؤ کہ میری قبر کہاں ہے اور میرا کتبہ کونسا ہے؟‘‘
’’جان کر کیا کرو گے ؟ مرشد نے پوچھا۔ 
’’یہ کہ میں زندہ ہوں یا مردہ۔‘‘
’’قبروں کو تلاش کرنے والے زندوں میں نہیں ہوتے ‘‘ مرشد نے اس کی آنکھوں میں جھانکا۔ 
’’لیکن میں مردوں میں بھی نہیں ‘‘ اس نے تیزی سے کہا۔ 
’’یہی تمہارا عذاب ہے‘‘
عذاب سہتے عمریں بیت گئی ہیں ،  وہ تاریخ کے اس قبرستان کے بیچو بیچ کھڑا اپنی قبر اور اس کا کتبہ تلاش کر رہا ہے۔ وقت ایک ماہر گورکن کی طرح ایک تازہ قبر تیار کر رہا ہے اور زمانہ ایک ماہر سنگ تراش کی طرح ایک نیا کتبہ بنا رہا ہے۔ 
وہ دفنانے کے انتظار میں کھڑا کھڑا شل ہو گیا ہے۔ مرشد جانے کب کا جا چکا ہے۔ 
٭٭٭



دائرے سے باہر 


	ہرن چوکڑیاں بھرتے ہوئے جان بچانے کی آخری کوشش کر رہا تھا،  اس کی بوٹی بوٹی پھڑک رہی تھی اور ساری طاقت ٹانگوں میں آ گئی تھی،  اس سے ذرا ہی پیچھے شکاری اور اس کے گھوڑے کی بھی یہی کیفیت تھی،  دفعتہً یوں لگا سامنے ایک مہین سا پردہ آگیا ہے،  ہرن اور اس کے پیچھے پیچھے شکاری اور اس کا گھوڑا پلک  جھپکنے میں اس مہین سے پردے میں پڑی دراڑ میں سے گزر گئے۔ 
ادھر صورت ہی اور تو تھی۔ 
مہکتا لہکتا بے انت شہر اپنی چوڑی چوڑی سڑکوں اور قطاروں میں دوڑتی گاڑیوں ،  فٹ پاتھوں پر تیز تیز چلتے لوگوں ،  جن کے لباس شکاری کے لیے اجنبی تھے، کے ساتھ میلوں میل پھیلا ہوا تھا۔ ہرن غائب تھا اور گھوڑا بھی گاڑی میں بدل گیا تھا۔ وہ گاڑی کی پچھلی سیٹ پر تھا اور اگلی سیٹ پر بیٹھا ڈرائیور پوچھ رہا تھا۔ ’’کہاں جانا ہے؟‘‘
لفظوں کی خاصی نا مانوسیت اور لہجے کی اجنبیت کے باوجود اسے بات سمجھ آ گئی، لیکن جواب کیا دیتا۔ اسے خود معلوم نہیں تھا کہ کہاں جانا ہے اور کیوں ؟وہ تو دوستوں کے ساتھ شکار کھیلنے نکلا تھا۔ جنگل میں خوش گپیاں کرتے وہ آگے پیچھے چل رہے تھے کہ ہرن سامنے آگیا، دوڑ شروع ہو گئی،  ہرن بہت تیز رفتار نکلا،  اس کا پیچھا کرتے وہ ساتھیوں کو دور پیچھے چھوڑ آیا اور پھر، 
اب نہ ہرن تھا نہ جنگل نہ ساتھیوں کا اتہ پتہ۔ یہ دنیا ہی اور تھی۔ شہر تھا لیکن اس کے شہر سے بالکل ہی مختلف اور اب پوچھا جا رہا تھا کہ کہاں جانا ہے۔وہ کیا بتائے کہ اسے خود معلوم نہیں کہ یہ سب کیا اور کیسے ہوا تھا۔ اس کا شہر اور یہ شہر۔
ڈرائیور نے چند لمحے اس کے جواب کا انتظار کیا،  پھر کچھ بتائے بغیر گاڑی سٹارٹ کر دی،  اسے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ گھوڑے کے بغیر یہ ڈبہ سا اتنی تیزی کے ساتھ کیسے چل رہا ہے۔ تھوڑے فاصلے کے بعد سڑک کنارے لگے ڈنڈے پر سرخ بتی جل گئی گاڑی رک گئی۔ لمحہ بھر میں آگے،  پیچھے،  دائیں ،  بائیں ،  گاڑیوں کی قطار لگ گئی۔ پھر پیلی اور سبزی بتی جلی،  قطاریں چل پڑیں۔ اس طرح کی کئی بتیوں سے گزر کر ڈرائیور نے گاڑی ایک طرف موڑی اور ایک بڑی سی عمارت کے سامنے روک دی۔ 
اس نے رد عمل کا اظہار نہ کیا تو ڈرائیور نے عمارت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا۔ ’’ہوٹل‘‘
اس نے کوئی جواب نہ دیا تو وہ پھر بولا۔ ’’ سرائے‘‘
اسے سرائے کے معنی معلوم تھے۔ اترنے لگا تو ڈرائیور نے ہاتھ پھیلا دیئے۔ شکار پر نکلتے ہوئے اس نے کچھ روپے پاس رکھ لیے تھے۔ بغیر سمجھے اور سوچے اس نے ایک سکہ نکال کر ڈرائیور کے ہاتھ پر رکھ دیا۔ڈرائیور نے سکے کو غور سے دیکھا،  اس کے چہرے پر بشاشت کی لہر دوڑ گئی۔ 
’’اہلاً سہلاً۔۔ مرحبا ‘‘۔ اس نے کئی بار دہرایا اور گاڑی میں بیٹھ کر یہ جا وہ جا۔
وہ فٹ پاتھ پر کھڑا،  اپنے پیچھے عمارت کو اور کبھی سامنے سے گزرتی تیز رفتار ٹریفک کو دیکھتا اور حیران ہوتا کہ یہ سب کچھ کیا ہے۔ دفعتہً کسی نے اس کے کندھے پر ہاتھ رکھا۔ مڑ کر دیکھا تو مرشد تھا،  جان میں جان آئی۔ 
تم کہاں تھے۔ یہ سب کچھ کیا ہے۔ میں کہاں ہوں ؟
مرشد نے تھپکی دینے والے انداز سے اس کے کندھے کو سہلایا،  پھر بولا،  
’’تم وقت کی دراڑ سے گزر کر مستقبل میں آ گئے ہو۔‘‘
اس نے حیرت سے مرشد کو دیکھا۔ 
’’وہ ہرن نہیں تھا وقت کی ایک جھلک تھا ‘‘۔
وہ اسی حیرت سے مرشد کو دیکھتا رہا۔ 
مرشد کہنے لگا۔ ’’وقت خود تو آگے پیچھے ہو سکتا ہے لیکن کسی اور شے کو آگے پیچھے نہیں ہونے دیتا۔ ‘‘
’’تو پھر میں ؟‘‘
مرشد ہنسا۔ ’’تم اس کے ساتھ ایسے چپکے کہ اس کی چوکڑی کے ساتھ ہی چوکڑی بھر لی‘‘۔
’’اور اب ‘‘ اس نے گھبرائے ہوئے لہجے میں پوچھا۔ 
’’وقت میں پیچھے جانے کا کوئی راستہ نہیں ،  جو جہان ہے وہیں رہتا ہے‘‘
’’لیکن‘‘ اس کی گھبراہٹ نے جملہ مکمل نہ ہونے دیا۔ 
’’بس ایسا کبھی کبھی ہو جاتا ہے۔ بہت ہی کبھی کبھی ‘‘ مرشد بولا۔ ’’ایسا ہو جاتا ہے
تو ہو جاتا ہے،  پھر جو جہاں ہے وہیں ہے، آؤ رات گزارنے کی کوئی سبیل کریں۔ ‘‘
رات بڑی بے چینی سے گزری،  ہر شے نئی تھی۔ اگلا دن بھی اجنبیت کی بغل میں لیٹا ہوا تھا۔ پیر زمین پر ٹکتے ہی نہیں تھے۔ لیکن دوسرے تیسرے دن پیروں نے زمین پکڑنی شروع کر دی۔ جیب میں سونے کے جو سکے تھے ان کی عوض اتنے پیسے مل گئے کہ برسا برس آرام سے گزارے جا سکتے تھے، شہر سے مانوسیت ہونے لگی،  مرشد قدم قدم پر سہارا دیتا،  اس کے سوالوں کے جواب دیتا،  بس اس نے اس شہر میں رہنا شروع کر دیا۔ اور کرتا بھی کیا؟

٭

اور یہ میں ہوں !
جو ہجرت کر کے اس شہر میں آیا،  سرحدوں پر خون کی ہولی کھیلی جا رہی تھی۔ لوگ قافلوں کی صورت گھروں سے نکل آئے تھے لیکن میرا شہر ان ہنگاموں سے دور تھا۔ تنگ گلی میں چھجے والے گھر کی کھڑکی سے میں اسے روز دیکھتا تھا،  بغیر لفظوں کے ہزاروں باتیں ،  جن کے کوئی معنی نہیں تھے لیکن بہت معنی تھے، لگتا تھا اطمینان اور سکون پاؤں پسارے بیٹھے ہیں لیکن اچانک سارا گھر جانے کے لیے تیار ہو گیا۔ نہ چاہتے ہوئے بھی مجھے ساتھ آنا پڑا۔ 
یہ نیا شہر اجنبی در و دیوار۔ اور دور بہت دور پہاڑوں کے اس پار وہ،  جس سے بغیر لفظوں کے ہزاروں باتیں ہوتی تھیں ، اگلا راستہ،  شکستہ،  منزل نامعلوم۔ سفر کا آغاز بڑی مشکلوں سے ہوا۔ اب میں ستر سال کا ہوں ،  پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو دھند ہی دھند ہے، دکھوں اور آنسوؤں کی ایک طویل کہانی ہے جس میں خوشی کے لمحے گنتی کے ہیں پڑھ کر ملازمت، ادھوری تعلیم تھی،  ملازمت کے دوران بھی پڑھنا،  شادی،  بچے،  بچوں کے لیے جدوجہد،  ریٹائر ہوا تو سکون کا لمبا سانس لیا۔ بچے اپنے اپنے کام میں لگ گئے۔ بیوی کہتی ہے اب بے فکری کے دن ہیں۔ صبح آرام سے اٹھو،  مزے سے ناشتہ کرو  اور اخبار پڑھو۔ 
بظاہر یہ سب کچھ ٹھیک بھی ہے۔ دوست کہتے ہیں ’’تم نے بھر پور زندگی گذاری ہے،  اب ہر طرح سیٹ ہو کوئی فکر نہیں۔ 
میں خود سے پوچھتا ہوں۔ کیا مجھے واقعی کوئی فکر نہیں ،  خبریں اسی طرح ہیں جیسی دوسروں کو دکھائی دیتی ہیں ‘‘۔
میری بیوی میرا بڑا خیال رکھتی ہے، دوست کہتے ہیں۔ ’’ یہ بھی تمہاری خوش قسمتی ہے کہ ایسی عورت ملی جو تمہیں سمجھتی ہے۔‘‘
کیا کوئی دوسرے کو سمجھ سکتا ہے؟ کچھ لمحے ایسے ہوتے ہیں جہاں آپ تنہا ہوتے ہیں ، ان لمحوں میں کوئی شیئر نہیں کرتا،  نہ کر سکتا ہے، میری زندگی میں بظاہر تمام تر سکون کے باوجود ایسے لمحے بہت ہیں ، اور یہ میرا وجود۔ یہ کیا ہے؟ میرا نام میرا لفظی وجود ہے،  میری تصویر میرا صوری وجود ہے اور میرا موجود ہونا میرا مادی وجود ہے، لیکن کیا میں واقعی موجود ہوں۔ اور وہ جو دور بہت دور بیٹھا ساری دوڑیں ہلا رہا ہے،  وہ کیا ہے۔ 
مرشد کہتا ہے۔ ’’ وہ وجود حقیقی ہے۔ ‘‘
’’اور میرا وجود کیا ہے‘‘ میں پوچھتا ہوں۔ 
’’یہ وجود ضعیف ہے‘‘ مرشد مسکراتا ہے۔ ’’اور ضعف کا انجام فنا ہے‘‘۔
’’میرا وجود اگر فنا ہے تو یہ وقت کا حصار کیا ہے‘‘ میں سوال کرتا ہوں ‘‘
’’یہ وہ سرحد ہے جسے پار کر کے آگے جانا ہے لیکن اپنی اپنی باری پر، اپنے وقت سے پہلے کوئی اسے پار نہیں کر سکتا ‘‘
’’تو کیا وجود حقیقی وقت سے ماوراء ہے‘‘
’’وہ خود وقت ہے،  حصار بھی ہے اور بے انت بھی۔‘‘
سو اپنی باری کے انتظار میں ،  میں صبح لمبی سیر کر کے اطمینان سے ناشتہ کرتا اور دیر تک اخبار پڑھتا ہوں۔ بظاہر اطمینان ہی اطمینان ہے لیکن اندر ہی اندر ایک بے چینی،  کوئی میرے اندر بیٹھا،  اندر ہی اندر مجھے کھودے جا رہا ہے۔ بیوی کبھی کبھی پوچھتی ہے۔ تمھیں کیا دکھ ہے۔ بیٹھے بیٹھے اداس ہو جاتے ہو۔ اسے کیا بتاؤں کہ یہ میں نہیں جو نظر آتا ہے۔ میرا وجود لفظی بھی ہے،  صوری بھی اور مادی بھی،  لیکن میں ہو کر بھی نہیں ہوں۔ یہ کوئی اور ہے جو میری طرح دکھائی دیتا ہے۔ کون ؟ یہ مجھے بھی معلوم نہیں۔ 

٭

برسوں بعد اب وہ اسی شہر کا ہو گیا ہے۔ شادی کر لی بچے جوان ہو کر اپنے اپنے کاموں میں لگ گئے ہیں۔ بڑھاپے کے دن فرصت کے ہوتے ہیں ،  بیوی کے ساتھ طویل عرصہ گزارنے کے بعد احساس کے اظہار کے لیے لفظوں کی ضرورت نہیں رہتی۔ وہ چپ چاپ بیٹھی اپنے کام کرتی رہتی ہے اور وہ اخبار پڑھتا یا ٹی وی دیکھتا رہتا ہے۔ خاموشی خود ایک زبان ہے جو اظہار کرنا جانتی ہے، لیکن چہرے کبھی کبھی اندر کی کیفیت کو باہر نکال لاتے ہیں ، ایسے موقعوں پر جب اس کی بیوی پوچھتی ہے کہ۔ ’’کیا بات ہے، کچھ اداس اداس سے لگ رہے ہو۔‘‘
تو وہ کوئی جواب نہیں دیتا۔ اسے کیا بتائے کہ اب بھی وہ اس ہرن کو یاد کرتا ہے جو اسے کسی اور دنیا سے اس دنیا میں لے آیا تھا۔ اور دور کہیں بہت دور، وقت کے اس پردے سے ادھر شائد اب بھی کوئی اس کا منتظر ہے۔ 
اس کی آنکھیں بھیگ جاتی ہیں۔ 
٭٭٭


برزخ 


	فقیر دریا کے ساتھ ساتھ کہیں رکتا،  کہیں چلتا،  شہر میں داخل ہوا تو عجب منظر تھا،  شہر کے لوگ اپنے اپنے مورچوں میں بند،  ایک دوسرے پر مختلف ہتھیاروں سے حملہ کر رہے تھے، ہر طرف چیخ و پکار تھی،  مرنے والوں کی گنتی نہیں تھی اور زندہ بچ جانے والوں کا شمار نہیں تھا،  لیکن عجب بات یہ تھی کہ اس موت و زیست کے کہرام کے درمیان بھی کچھ لوگ مزے سے سڑکوں پر چل رہے تھے اور انہیں کچھ نہ ہوتا تھا،  فقیر کو کچھ سمجھ نہ آیا کہ یہ اصل معرکہ ہے یا کسی ہونے والے معرکے کی ریہرسل ہو رہی ہے۔ فقیر بچتا بچاتا ایک گلی سے دوسری اور ایک سڑک سے دوسری سڑک سے ہوتا بمشکل ایک چائے خانے میں پہنچا،  جہاں ایک میز پر تین شخص موجود تھے۔ یہ وہ،  مرشد اور ایک عجیب حلیئے کا تیسرا شخص تھا۔ 
پہلے وہ نے اپنی کہانی شروع کی۔ 
’’میں اور مرشد وقت کے منجمد برف زار پر آگے پیچھے چلے جا رہے تھے، ہمیں کس چیز کی تلاش تھی یہ تو مجھے معلوم نہیں تھا،  بس ایک سفر تھا جو شروع ہو چکا تھا اور اب ختم ہونے ہی میں نہیں آتا تھا،  مرشد اپنی دھن میں آگے آگے تھا اور میں پیچھے پیچھے،  دفعتہً میرے پاؤں کے نیچے برف دبی اور میں کوئی آواز نکالے بغیر نیچے چلا گیا،  جاتا ہی گیا،  رکا تو کوئی اور زمانہ تھا،  ایک شاندار محفل تھی،  فتح کا جشن منایا جا رہا تھا،  بادشاہ سلامت تخت پر نیم دراز،  اس طرح کہ ان کا سر ایک مہوش کی گود میں جو ادائے دلبری سے جام سے قطرہ قطرہ بادشاہ سلامت کے منہ میں زندگی کے رس گھول رہی تھی اور باقی دھڑ ایک دوسری حسینہ کی گود میں ،  سارے درباریوں کا یہی حال تھا،  اور دربار کے گردا گرد وحشی چہروں والے لمبے لمبے نیزے تانے باہر والوں کے لیے دیوار بنے ہوئے تھے،  باہر ہجوم تھا،  کئی کئی دن کے بھوکے،  جسموں پر جنگ کے زخم، تلواریں ٹوٹی،  میانیں خالی،  نیزے ٹیڑھے، جنگ جیتنے کی خوشی لیکن خالی پیٹ اور درد کی ٹیسیں۔ 
ہارنے والے زمیں پر اوندھے منہ پڑے تھے، زیادہ مر گئے تھے باقی مرنے کے مراحل میں تھے، اور ان سب کے درمیان وہ تھا،  جو اس زمانے کا نہیں تھا،  اس خوف سے کہ کوئی اسے دیکھ نہ لے وہ آہستہ آہستہ دیوار کی طرف کھسکنے لگا، دور سے ایک شخص اسے مسلسل گھور رہا تھا،  وہ پہلے آہستہ آہستہ پھر تیزی سے ہجوم سے دور ہونے کی کوشش کرنے لگا،  دوسرا بھی اسی رفتار سے اس کی طرف لپکا،  اب اس نے دوڑنا شروع کر دیا، وہ شخص بھی اس کے پیچھے دوڑا۔ دفعتہً پھر زمین ایک جگہ سے نرم ہوئی۔ وہ آگے اور اس کے اوپر وہ شخص دھڑام سے اس گڑھے میں گرے۔ قلا بازیاں کھاتے،  قدم رکے تو پھر اسی برف زار پر مرشد کے پیچھے تھا،  لیکن اب اس کے ساتھ یہ نیا شخص بھی تھا جو حیرت سے چاروں طرف دیکھ رہا تھا۔ 
دفعتہً مرشد نے پیچھے مڑ کر دیکھا،  کچھ دیر دیکھتا رہا، پھر بولا۔ ’’اسے اس کی دنیا سے کیوں ساتھ لے آئے ہو؟‘‘
’’میں کہاں لایا ہوں ‘‘ اس نے آہستہ سے کہا۔ ’’مجھے تو خود معلوم نہیں یہ کیا ہوا ہے؟‘‘
مرشد نے تبسم کیا۔ ’’تم وقت کی دراڑ میں سے گر کر ماضی میں چلے گئے تھے۔‘‘
’’ہم ماضی میں جا سکتے ہیں ‘‘اس نے سوال کیا۔ 
’’نہیں ‘‘ مرشد نے کہا۔ لیکن کبھی کبھی انہونی بھی ہو جاتی ہے‘‘
’’اور یہ۔ ‘‘
’’یہ اب واپس نہیں جا سکتا کیونکہ وہ دراڑ اب بند ہو چکی ہے۔‘‘
وہ شخص حیرت سے انہیں دیکھے جا رہا تھا۔ 
’’ہمارے ساتھ چلو۔ تمہیں اپنی دنیا دکھائیں ‘‘ مرشد نے کہا۔ 
تینوں آگے پیچھے شہر میں داخل ہوئے۔ وہ شخص مڑ مڑ کر حیرت سے ایک ایک شخص،  ایک ایک عمارت اور ایک ایک چیز کو دیکھتا۔ 
یہ۔ یہ اسے کچھ سمجھ نہ آتا۔ یہ دنیا اس کی دنیا سے الگ ہی کوئی اور دنیا تھی۔ 
’’یہ شہر۔ سارے طور طریقے بدل گئے ہیں۔ ہو وہی کچھ رہا ہے۔ لیکن مختلف طریقے سے۔ ‘‘
 یہ بات اس نے کئی دن بعد کہی جب اسے اس کے اور مرشد کے ساتھ رہتے کئی دن ہو گئے تھے،  اس دوران فقیر خاموش رہا تھا۔ 
’’وقت ہی زندگی ہے‘‘ فقیر بولا۔ ’’لیکن وقت کا پھیلاؤ لا محدود ہے،  ہم ایک زمانے میں مر جاتے ہیں لیکن کسی دوسرے زمانے میں زندہ ہوتے ہیں ‘‘ 
’’ایک نہ سمجھ میں آنے والا تسلسل ‘‘ وہ بڑبڑایا۔ ’’یہ میں کس کو ساتھ لے آیا ہوں۔ ‘‘ 
مرشد نے اس کے ذہن کو پڑھ لیا بولا۔ ’’موت بھی اسی طرح ہمیں اٹھا کر کسی اور زمانے میں پھینک دیتی ہے۔‘‘
’’اجنبیت،  ہائے اجنبیت ‘‘ اجنبی بڑبڑایا۔ ’’اس سے تو بہتر تھا کہ اسی شکست خوردگی میں زخموں کی تاب نہ لا کر ختم ہو جاتا۔ اپنوں میں تو ہوتا۔ ‘‘
’’اپنے پرائے کا تصور بھی اپنے اپنے زمانے کے ساتھ ہے‘‘ فقیر نے کہا۔ ’’یہ سب اضافی قدریں ہیں۔‘‘ 
’’حقیقت کچھ اور ہی ہے ‘‘ مرشد ہنسا۔ ’’جسے جاننے اور سمجھنے کی تگ و دو تو ازل سے جاری ہے۔ ‘‘
’’یہ عجب گورکھ دھندہ ہے‘‘ اس نے کہا۔ ‘‘ جہاں سوال ہی سوال ہیں اور جواب کچھ نہیں۔ 
’’نا تکمیلی ‘‘ فقیر نے نعرہ لگایا۔ ’’ہم مکمل ہو کر بھی نامکمل ہیں ‘‘
’’یا مظہر العجائب،  ہم کس خوش فہمی میں مبتلا ہیں ‘‘وہ شخص جو اپنے زمانے سے بچھڑ گیا تھا،  تاسف سے بولا۔ ’’ ہم اپنے اپنے سوالوں کے کاسے اٹھائے کب تک بھٹکتے رہیں گے،
خاموشی اور اداسی،  ایک عجب طرح کی دھند ہے جس میں کچھ دکھائی دیتا ہے اور کچھ دکھائی نہیں دیتا،  راستے بند بھی ہیں اور کھلے ہوئے بھی،  ازل اور ابد، درمیان میں وقت کی بھول بھولیاں ،  زمانے بھی کیا ہیں ،  کہیں زمانے کی دراڑیں سے نکل جائیں تو ہر شے بے معنی ہو جاتی ہے، 
’’وقت ہی زندگی ہے‘‘، اس نے اپنے آپ سے کہا۔ ’’اور ہم سب اپنے اپنے سوالوں کے کاسے اٹھائے، وقت کی کسی دراڑ میں سے نکل جا نے کے منتظر ہیں ‘‘ 
بظاہر ٹھہرے ہوئے لیکن انتہائی تیز رفتار لمحے میں چاروں ، فقیر جو دریا کے ساتھ ساتھ کہیں رکتا،  کہیں چلتا شہر میں آیا تھا،  وہ تینوں ،  جن میں سے ایک وقت کی دراڑ سے گر کسی اور اپنے ساتھ اپنے زمانے میں لے آیا تھا،  مرشد جسے ہر شے کی خبر تھی اور سب سے حیران وہ جو اپنے وقت سے اگلے وقت میں آگیا تھا،  سب کے سب بظاہر ٹھہرے لیکن انتہائی تیز رفتار لمحینوکپر وقت کی کسی کروٹ کے منتظر تھے، حرکت میں تھے لیکن پتھر ہوئے جاتے تھے۔ 
٭٭٭





ہنوز خواب میں 


	آگ اب چاروں طرف تھی،  تپش میں اضافہ ہو رہا تھا،  لیکن آگ نظر نہیں آتی تھی،  لوگ حیران ہو ہو کر چاروں طرف دیکھتے تھے لیکن کچھ دکھائی نہ دیتا۔ 
مرشد نے کہانی سنائی کہ ’’جب دشمن نے شہر پر حملہ کیا تو وہ میلوں دور سے آتا دکھائی دیا۔ شہر والوں نے فصیلوں پر تیر انداز کھڑے کر دیئے۔ سپاہی تلواریں اور نیزے تان کر صفوں میں آ گئے۔ دشمن نے فصیل پر پتھر برسائے اور ایک حصہ توڑنے میں کامیاب ہو گیا۔ دو بدو لڑائی ہوئی، مرنے والے مر گئے اور بچنے والے بچ گئے، جو ہوا آنکھوں کے روبرو ہوا۔‘‘
اس نے ٹھنڈی آہ بھری۔ ’’اب دشمن نظر ہی نہیں آتا، دھماکہ ہوتا ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ ساتھ کھڑے نے خود کش بیلٹ باندھ رکھی تھی۔ نہ مارنے والے کو معلوم کہ وہ کیوں دوسروں کو مار رہا ہے، نہ مرنے والوں کو پتہ کہ ان کا قصور کیا ہے؟‘‘
اب شہر کا یہی حال تھا کہ صبح گھر سے نکلے تو معلوم نہیں کون کون واپس آئے گا اور کس کس کی صرف خبر معلوم ہو گی۔ کفن فروش الگ پریشان کہ کفن کی ضرورت ہی نہیں اور گورکن الگ پریشان کہ قبر کی بھی ضرورت نہیں۔ ہر طرف مندی ہی مندی تھی، انسانی جانوں کی بھی اور چیزوں کی بھی،  ایک زمانہ تھا کہ چیزیں موجود تھیں اور جیبیں خالی،  اب جیبیں بھری ہوئی ہیں کہ چیزیں غائب۔
وہ ہنسا، اسے اپنی ہنسی عجیب سی لگی کہ اس صورت حال میں بھی وہ ہنس رہا ہے لیکن فوراً ہی احساس ہوا کہ اس کی آنکھوں میں آنسو بھی ہیں۔ مرشد نے ترحم سے اس کی طرف دیکھا،  اور بولا۔ ’’جب چیزیں بے ڈھنگی ہوتی ہیں تو سب کچھ الٹ پلٹ ہو جاتا ہے۔‘‘
اس نے سوالیہ نظروں سے مرشد کی طرف دیکھا۔ 
مرشد چند لمحے چپ رہا، پھر کہنے لگا۔ ’’یہ ایک لمبا عمل ہے،  ایک دن میں سب کچھ نہیں ہو جاتا،  بس جو بوؤ گے وہ تو کاٹنا ہی پڑے گا۔‘‘
اس نے ذہن پر زور دیا، یہ غلطی کہاں سے ہوئی ہے، ابھی، بہت پہلے،  بہت پہلے سے بھی بہت پہلے، کب‘‘
تاریخ کے قبرستان میں مردہ قوموں کے کتبوں پر ان کی داستان رقم تھی، کہاں سے آغاز ہوا، کمال کا نقطہ کہاں تھا اور ڈھلوان کا سفر کب شروع ہوا۔ 
تیزی سے لڑکھتے ہوئے اس نے ایک پتھر سے ٹیک لگانے کی کوشش کی،  لیکن پتھر بھی اس کے ساتھ ہی لڑکھنے لگا۔ اوپر دور ماضی کی چمک،  اب حال مسلسل پھسلتے چلے جانا اور مستقبل نیچے ایک اندھی گہری کھائی۔ 
’’کیا مقدر ہے ؟‘‘اس نے سوچا، سمجھ نہ آیا کہ ہنسے یا روئے۔ 
مرشد نے کہا۔ ’’ہنسنے رونے والے کا قصہ بھی عجیب ہے۔‘‘
’’کیا‘‘
’’ایک شخص کو کسی قصور کی سزا ملی کہ یا سو پیاز کھائے یا سو جوتے۔ اس شخص نے پیاز کھانے کو ترجیح دی دو چار جوتوں کے بعد وہ رونے لگا اور خواہش کی کہ اسے جوتے مارے جائیں ،  تین چار جوتے کھانے کے بعد اسے ہنسی آ گئی کہ پیاز ہی بہتر تھا، سو اسی رونے ہنسنے میں اس نے سو جوتے بھی کھائے اور سو پیاز بھی ‘‘۔
 اس نے سوچا۔ ’’یہی میرا حال ہے۔‘‘
کچھ دیر خاموشی رہی،  پھر اس نے پوچھا۔ ’’یہ معاملہ کیا ہے؟‘‘
مرشد بولا۔ ’’پہلے دن ہی سے غلطی ہوئی ہے، ابتداء انسان سے ہوتی ہے، انسان سے زبان،  زبان سے ادب،  ادب سے تنقید اور تنقید سے ترقی جنم لیتی ہے، تم نے انسان بننے کی کوشش ہی نہیں کی،  اگلے مرحلے کیسے طے ہوتے؟‘‘
’’تو میں انسان بھی نہیں ‘‘ اس نے سوچا۔
ٹی وی کی خبر نے اسے اپنی طرف متوجہ کر لیا۔ بگ بینگ کی اصلیت معلوم کرنے کے لیے جو ٹنل بنائی گئی تھی اس میں کچھ خرابی پیدا ہو گئی ہے جسے دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ 
اس نے چینل بدل دیا۔ دوسرے چینل پر سوال جواب کی محفل تھی،  ایک صاحب نے سوال کیا۔’’میں مغرب میں رہتا ہوں ہم جب سٹور سے سامان لینے جاتے ہیں تو سیلز مین سے بقیہ رقم لیتے ہیں۔ یہ سیلز مین غیر مذہب کا ہے، شراب پیتا ہے،  انہی ہاتھوں سے شراب اٹھاتا ہے کیا اس کے ہاتھوں سے بقیہ لینا جائز ہے؟‘‘
وہ جھنجلا گیا۔ ’’اتنا جھنجلا یا کہ سر نوچنے اور چیخنے لگا۔ گھر کے سارے لوگ بھاگے دوڑے آئے۔ ’’کیا ہوا۔ کیا ہوا‘‘
لیکن وہ کچھ کہے بغیر چیختا اور اپنے بال نوچتا رہا۔ 
٭٭٭



رات 


	رات نہیں تھی،  لیکن رات تھی۔ ہر شے سیاہی میں چمک رہی تھی کہ سیاہی کی بھی اپنی ایک روشنی ہے۔ وہ شہر کی طرف جانے والی اس بڑی شاہراہ کے بیچو بیچ کھڑا تھا۔ شاہراہ جس پر تیز گاڑیوں کی قطار ٹوٹتی نہیں تھی اس وقت دور دور تک سنسان تھی،  شہر کا دروازہ ابھی دور تھا،  کبھی شہروں میں داخل ہونے کے لیے دروازے ہوتے تھے، اب دروازوں کی جگہ پولیس کے بیرئیر ہیں۔ ان پر ٹکی ہوئی بندوق کی نالی آنے والے کے سینے پر ہوتی ہے۔ ہاتھ کھڑے کر کے تلاشی لی جاتی ہے،  پھر ان بیرئیر کو عبور کر کے شہر میں داخل ہوتے ہیں کہ اس کا مقصد لوگوں کی نہیں بادشاہ سلامت کی حفاظت ہے۔ 
وہ شہر جانے والی شاہراہ کے بیچو بیچ سر سے پاؤں تک خوف میں لتھڑا کھڑا ہے یا شائد خوف کی ٹھنڈک سے کانپ رہا ہے۔ صدیوں پہلے جب یہ شاہراہ کچا راستہ تھی اور قافلے اس سے گزر کر شہر کے قریب پہنچتے تھے تو فصیل کے بند دروازوں کے قریب اونچی دیوار کے ساتھ شب بسری کے لیے عمامے کھول کر دیوار سے ٹیک لگائے صبح کا انتظار کرتے تھے۔ اب فصیل ہے نہ دروازہ،  پولیس کے بیرئیر ہیں اور ان پر ٹکی ہوئی بندوق کی نالی ہے جو دہشت گرد اور عام شخص میں تمیز نہیں کر سکتی۔ صبح دفتر جاتے ہوئے اسے تین چار جگہوں پر ان بیرئیروں سے گزرنا پڑتا ہے۔ رات بھرکا جاگا ہوا سپاہی، انگلی ٹریگر پر اور نالی سامنے، اسے کئی بار خیال آیا کہ اگر اونگھتے ہوئے، یا بے خیالی میں انگلی دب گئی تو۔۔۔  اس کی گاڑی بالکل سامنے ہے۔ 
شہر میں مرنا جینا،  جی جی کر مرنا اور مر مر کر جینا تو ایک معمول تھا،  کبھی کوئی خبر پڑھ کر،  کبھی سن کر،  کبھی افواہ کبھی حقیقت،  حادثہ ہو جاتا اور حادثہ ہونا روز ہی ٹھہر گیا تھا،  فون کی گھنٹیاں بجنے لگتیں۔ آپ کہاں ہیں۔ کس راستے پر ہیں ‘‘۔ دھماکہ ہو گیا ہے،  آپ کو نہیں معلوم ؟‘‘
صبح گھر سے نکلتے ہوئے کسی کو پتہ نہ ہوتا کہ وہ گھر لوٹے گا یا اس کی اطلاع،  یہ رات نہیں ، مگر رات ہے اور شہر کی طرف جانے والی شاہراہ کے بیچو بیچ۔ 
خوف قطرہ قطرہ ٹپکتا ہے۔ وجود کی مٹی میں نمی بڑھتی جاتی ہے۔ 
نمی۔۔۔  نمی،  اور وجود بھربھرا کر زمین پر ڈھیر ہو جاتا ہے، لمحہ بھر میں بہہ کر کسی نالی یا گٹر میں جا گرتا ہے۔ لوگ بھر بھر کر ختم ہو رہے ہیں ،  اور بادشاہ سلامت کے محفل میں آبنوسی دیواروں اور منقش انگیٹھیوں میں جلتی نرم ملائم آگ کی ہلکی ہلکی روشنی میں جام، جام سے ٹکراتے ہیں ،  بادشاہ سلامت کی گود میں بیٹھی بلوری آنکھوں والی کہتی ہے۔۔۔ ’’سنا ہے شہر میں لوگ کھڑے کھڑے پانی ہوئے جاتے ہیں۔ 
دائیں طرف بیٹھا ہوا مٹکا نما شخص ہنستا ہے۔۔۔ ’’یہ تو قدرت نے آبادی کم کرنے کا طریقہ خود ہی پیدا کر دیا ہے۔‘‘
’’قدرت کے کاموں میں کسے دخل ہے؟‘‘ بائیں طرف زیبرا جیسی گردن والا کہتا ہے۔۔۔ ’’آبادی کم ہو تو حکمرانی میں بڑی سہولت ہوتی ہے۔‘‘
بادشاہ سلامت بلوری آنکھوں والی کی گداز رانوں پر ہاتھ پھیرتے ہوئے مسکراتے ہیں۔ 
ٹی وی سکرین کے نیچے لائن چل رہی ہے۔ خود کش حملہ،  تیس لوگ مارے گئے۔۔۔ خود کش حملہ چالیس لوگ۔۔۔  ریموٹ کنٹرول دھماکہ،۔۔۔ لوگ،
’’انگلیوں کی گنتی تو ختم ہو گئی‘‘ وہ خود سے کہتا ہے۔۔۔ ’’ اب تو تعداد کے لیے کلیکولیٹر کی ضرورت ہو گی۔‘‘
سیاہ حاشیے۔۔۔  اخبار سیاہ حاشیوں سے اٹے ہوئے ہیں۔ افسردہ چہرے،  خاموش آنکھیں۔
ماں بیٹے کے ماتھے پر بوسہ دیتی ہے۔’’ بیٹا ہجوم والی جگہ سے بچنا،  اور وہ جو محافظ ہیں ان کے قریب بھی نہ جانا۔ ‘‘
بیٹا سوچتا ہے ’’کیا زمانہ آگیا ہے۔ پہلے حفاظت کے لیے جن کے قریب جاتے تھے اب ان سے دور بھاگتے ہیں۔‘‘
لیکن بھاگ کر بھی کہاں جایا جا سکتا تھا۔۔۔  اطلاع۔ 
تعزیت کے ساتھ معاوضہ کا چیک۔۔۔  ماں سینے پر دو ہتھڑ مارتی ہے۔۔۔ ’’میرے بیٹے کی قیمت نہ لگاؤ۔‘‘
’’رکھ لو۔۔۔ر کھ لو ‘‘  کوئی سرگوشی کرتا ہے۔۔ آنے والے برے وقت میں کچھ تو کام آئیں گے۔‘‘
سروں کی قیمت۔۔۔  منڈی لگی ہے۔
’’میرے پاس تو صرف سوت کی یہ اٹی ہے ‘‘
’’اور اسے خریدنا چاہتی ہے جو سب سے خوبصورت اور توانا ہے۔‘‘
’’ہاں اسے لینا چاہتی ہوں ،  زندہ رکھنے کے لیے۔ ‘‘
لیکن میں نے سینے پر بیلٹ باندھی ہوئی ہے۔ نہ میں رہوں گا نہ یہ سارے‘‘
یہ منڈی ہے۔۔۔ یہاں سر  اتارے جاتے ہیں اور جسم کوڑا ڈرم میں پھینک دیئے جاتے ہیں۔ 
اب اس کی بھی ضرورت نہیں رہی،  یہ نئی بیماری جو پھیل گئی ہے، جسم نم نم ہو کر پگھل جاتا ہے اور پانی بن کر کسی نالی یا گٹر میں گر جاتا ہے 
مٹی کے ساتھ مٹی ہو جانا تو پڑھا ہے،  سنا بھی ہے،  لیکن یہ پانی۔۔۔؟‘‘
مرشد کے پاس اس سوال کا جواب نہیں ہے،  اس سوال کا جواب تلاش کرنے ہی وہ شہر گیا ہے اور وہ رات میں کہ رات نہیں ہے، شہر جانے والی شاہراہ کے بیچو بیچ،  اس کی راہ تک رہا ہے۔ شاہراہ دور دور تک سنسان ہے، اندھیرے اور خوف کی پھوار ہر شے پر برس رہی ہے۔ 
مرشد کو گئے بہت دیر ہو گئی ہے، اس نے سوچا۔۔۔  اسے بھی ہجوم میں جانے کا چسکا ہے اور ہجوم۔۔۔ ‘‘
’’کتنے ؟‘‘
’’اب گننے کی سکت نہیں رہی‘‘
’’شہر جا کر دیکھنا چاہیے‘‘۔ لیکن پورے وجود میں نم نم،۔۔۔  ’’تو کیا؟‘‘۔۔۔  زمین نے پاؤں پکڑ لیے ہیں ،  ایک قدم بھی نہیں اٹھایا جا سکتا۔۔۔  ’ تو کیا میں بھی ؟‘‘
شہر ہو یا شہر سے باہر۔۔۔  ایک ہی منظر ہے، 
یہ رات نہیں ،  لیکن پھر بھی رات ہے۔ 
٭٭٭




ایک اداس سی کہانی 


	یہ احساس تو بچپن ہی سے تھا کہ کوئی اس کے تعاقب میں ہے اور دبے پاؤں پیچھے پیچھے آ رہا ہے،  لیکن اب اس کے قدموں کی چاپ صاف سنائی دینے لگی تھی اور محسوس ہو رہا تھا کہ لمحہ بہ لمحہ فاصلہ کم ہوا جا رہا ہے۔ پہلے پہلے اس احساس کے ساتھ ایک مسرت بخش اسرار تھا،  کچھ جاننے کا،  کچھ سمجھنے کا،  لیکن اب ایک خوف تھا کہ کسی بھی لمحے پیچھے پیچھے آنے والا اس کے برابر آ جائے گا اور اس کا ہاتھ پکڑ کر کسی انجانی دنیا میں اتر جائے گا،  اس انجانی دنیا کے بارے میں ہمیشہ ہی ایک تذبذب رہا کہ ہے یا نہیں۔ 
’’کیا مرنے کے بعد سب زندہ ہو جاتے ہیں ؟‘‘ اس نے مرشد سے پوچھا۔ 
مرشد چند لمحے چپ رہا،  پھر بولا۔۔۔ ’’ سب نہیں صرف چند‘‘
’’ اور یہ چند کون ہیں ‘‘
’’جنہیں اپنے ہونے کا احساس ہے، باقی سب مٹی کے ساتھ مٹی۔ ‘‘ 
’’مجھے تو اپنے ہونے کا احساس ہے‘‘ اس نے خود سے کہا۔۔۔  ’’لیکن یہ خوف کیسا ہے؟’’
’’جانا تو ہو گا ہی ‘‘ مرشد مسکرایا
’’جانے سے ڈر نہیں لگتا ‘‘ اس نے کہا۔۔۔  ’’کچھ خواہشیں ہیں جو ادھوری رہ جائیں گی۔ ‘‘
ان خواہشوں کی فہرست بہت طویل تھی،  ان میں سب سے بڑی خواہش دنیا کو دیکھنا تھا،  وہاں جانا تھا جہاں برف ہی برف ہے،  یا جہاں چھ مہینے کا دن اور چھ مہینے کی رات ہے اور حالت یہ تھی کہ جس ملک میں پیدا ہوا تھا اس کے بھی دو چار بڑے شہروں کے سوا کچھ نہیں دیکھا تھا۔ 
’’اب احساس ہوتا ہے کہ کائنات تو ایک طرف،  میں تو اس دنیا کے بھی ایک چھوٹے سے نقطے تک محدود رہا ہوں۔ ‘‘ اس نے مرشد سے کہا۔۔۔  ’’کیا میں اسی طرح چلا جاؤ ں گا۔‘‘ 
’’تم نے نقطے کو نقطہ ہی سمجھا،  جز میں کل دیکھنے کی کوشش نہیں کی۔‘‘ 
اسے بڑا غصہ آیا۔ ’’خبر میں کل دیکھنے کے لیے بھی وسائل کی ضرورت ہوتی ہے اور میں ایک عام آدمی ہوں ،  جو ایک عام آدمی کے گھر پیدا ہوا۔ ‘‘
’’اور عام آدمی ہی کی طرح چپ چاپ ختم ہو جائے گا۔‘‘ مرشد نے اسے چڑایا۔ 
’’عام آدمی کی قسمت کیا ہے‘‘ وہ بڑبڑایا۔۔۔  ’’آنکھ کھلنے سے بند ہونے تک مسلسل جدوجہد،  نقطے سے بھی چھوٹے دائرے میں وحشیانہ رقص اور بس۔ ‘‘
مرشد اسے دیکھتا رہا،  دیکھتا رہا،  پھر بولا۔۔۔  ’’ سب کے ساتھ یہی ہوتا ہے،  ہر عام آدمی کا مقدر ایک ہی ہے۔ ‘‘
اسے عام آدمی کی بے بسی اور حدود کا احساس تھا لیکن اس نے اس میں بھی لذت کے کچھ پہلو ڈھونڈ لیے اور کسی نہ کسی درز سے تازہ ہوا کے جھونکوں کی ٹھنڈک محسوس کر لیتا تھا لیکن اب، جب پیچھے پیچھے آنے والے کی چاپ قریب ہوتی محسوس ہو رہی تھی،  ایک عجیب احساس زیاں اسے اپنی بکل میں سمیٹ رہا تھا۔ 
’’میری زندگی کے تو کوئی معنی ہی نہیں ‘‘ اس نے مرشد سے کہا ’’یوں لگتا ہے میں نے ایسا سفر کیا ہے جو جس نقطے سے شروع ہوا تھا اسی نقطے کے اندر ہی رہا، میری دنیا کتنی چھوٹی سی ہے، 
احساس زیاں تو زندگی بھر رہا،  جو بننا چاہتا تھا،  بن نہ سکا،  جو کرنا چاہتا تھا،  کر نہ سکا اور اس کی وجہ ایک ہی تھی کہ عام آدمی تھا،  عام گھر میں پیدا ہوا۔ 
’’کولہو کے بیل کو پتہ ہوتا ہے کہ اس کے دائرے کے باہر بھی ایک دنیا ہے ؟‘‘ اس نے مرشد سے پوچھا۔ 
’’پتہ لگ جائے تو وہ کولہو کا بیل نہیں رہتا۔ ‘‘
’’کولہو کا بیل نہیں رہتا تو کیا کر لیتا ہے ‘‘ اس نے مایوسی سے کندھے جھٹکے۔۔’’یہی نا کہ اسے اپنے ہونے کا احساس ہو جاتا ہے۔ ‘‘
’’ہونے کا احساس ہونا بڑی بات ہے ‘‘ 
’’کیا بڑی بات ہے ‘‘ اس نے جھنجلا کر پوچھا۔۔ ’’یہ احساس اسے اس عذاب سے تو نہیں نکال سکتا‘‘
’’بلکہ عذاب کے احساس کو بڑھا دیتا ہے ‘‘ مرشد نے ہنس کر کہا، اسے مرشد کی ہنسی زہر کی طرح لگی۔ 
’’یہ عجیب گورکھ دھندا ہے جس میں تم مجھے پھنسا دیتے ہو ‘‘ اس نے مرشد پر گویا طنز کیا۔۔۔’’ اپنی خواہشوں کے پیچھے پیچھے بھاگتے بھاگتے میں ادھ موا ہو گیا ہوں ،  جو چاہا اس کا عشر عشیر بھی نہیں ملا،  اور اب تم مجھے ایک نئی دنیا کے خواب دکھا رہے ہو۔‘‘
’’خواب دیکھنا ہر ہمہ شمہ کے بس میں نہیں۔ مرشد نے سکون سے کہا۔۔۔  ’’خواب دیکھنا ایک نعمت ہے۔‘‘
’’اس عمر میں خواب دیکھنے کا کیا فائدہ ‘‘ اس نے اسی جھنجلاہٹ سے جواب دیا۔۔۔  ’’ایک عمر تھی کہ شائد خوابوں کی کوئی تعبیر مل بھی جاتی،  لیکن میں ایک عام۔۔۔ ‘‘
’’یہ کیا تم نے عام عام کی رٹ لگا رکھی ہے۔ مرشد کو غصہ آگیا۔۔۔ ’’تم نہیں جانتے کہ عام آدمی ہی اصل آدمی ہے۔‘‘
’’اور یہ خاص آدمی ‘‘ اس نے استفسار کیا 
’’خاص ایک جعلی اصطلاح ہے ‘‘ 
وہ کچھ دیر چپ رہا پھر بولا۔۔۔  ’’یہ بتاؤ روح کا وجود ہے ؟‘‘
’’ہے بھی اور نہیں بھی ‘‘ مرشد کا چہرہ سپاٹ تھا 
’’یہ کیا بات ہوئی،  چلو یہ بتاؤ کہ روح کا احساس انفرادی ہوتا ہے یا اجتماعی؟‘‘
مرشد نے سوالیہ نظروں سے اس کی طرف دیکھا۔
’’میرا مطلب ہے کہ کیا روح کی بھی انفرادی ’’میں ‘‘ ہوتی ہے۔ ‘‘
’’ہوتی ہے اور نہیں بھی ہوتی‘‘
’’یہ کیا جواب ہے؟‘‘ اس نے جھنجلا کر کہا 
مرشد قدرے چپ رہا پھر بولا۔۔۔  ’’زندگی میں اگر ’میں ‘ کا احساس موجود ہے تو روح میں بھی یہ احساس برقرار رہے گا اور اگر زندگی ہی میں اپنے ہونے کا علیحدہ احساس نہیں تو آگے بھی یہی ہو گا۔‘‘
اس نے سوچا کیا مجھ میں اپنے ہونے کا احساس ہے،  ایک لمحے کے لیے سکون سا ملا لیکن دوسرے ہی لمحے خیال آیا کہ میری مثال تو اس مینڈک کی سی ہے جو ایک چھوٹے سے تالاب کے چھوٹے سے حصہ میں ٹرٹرا کر زندگی گزار دیتا ہے۔ دوسرے تالاب تو درکنار وہ اپنے تالاب کے سارے حصوں میں بھی نہیں جا پاتا اور تالابوں سے آگے دریا اور دریاؤں سے آگے سمندر ہیں۔ 
’’کیا سوچ رہے ہو؟‘‘ مرشد نے پوچھا۔ 
’’میں جو ایک عام مینڈک ہوں ، اپنے چھوٹے سے تالاب کے بھی سارے حصوں میں نہ جا سکا،  میری حیثیت کیا ہے۔ اس تالاب سے آگے کئی تالاب،  ان سے آگے کئی دریا اور دریاؤں سے آگے کئی سمندر،  میں کیا ہوں ؟‘‘
مرشد قدرے خاموش رہا،  پھر بولا۔۔’’مینڈک عام اور خاص نہیں ہوتے،  مینڈک ہی ہوتے ہیں ان کے نیچے چھوٹے چھوٹے جرثومے ہیں جنہیں وہ کھا جاتا ہے اور اس سے اوپر مگر مچھ ہیں جو اسے کھا جاتے ہیں اور ان سے اوپر۔۔ یہی زندگی کا سلسلہ ہے 
ہر شے اپنے سے بڑی شے کا لقمہ بنتی ہے۔ 
’’اور لقمہ بننے سے پہلے پیچھے آتی چاپ نمایاں اور قریب آ جاتی ہے،  پھر دفعتہً پیچھے آنے والا برابر میں آ کر دبوچ لیتا ہے اور کسی انجانے پاتال میں اتر جاتا ہے ‘‘ اس نے مایوسی سے سر ہلایا۔/ 
دونوں بہت دیر چپ رہے، پھر اس نے پوچھا۔۔۔ ’’اس پاتال کا بھی کوئی آسمان ہے؟‘‘
مرشد نے فوراً جواب نہیں دیا، یوں لگا وہ کچھ سوچ رہا ہے،  بولا۔۔ ’’آسمان تو ہمارا اپنا قیاس ہے جہاں ہم فرض کر لیتے ہیں کہ آسمان ہے وہاں آسماں بن جاتا ہے اور جہاں ہم اسے فرض نہیں کرتے وہاں نہیں ہوتا۔‘‘
آج تمھاری باتیں عجیب ہیں ‘‘ اس نے مرشد کی آنکھوں میں جھانکا۔۔۔ ’’کچھ سمجھ نہیں آتا کہ تم کیا کہنا چاہتے ہو۔اچھا یہ بتاؤ قبر کا عذاب کیا ہے ؟‘‘
’’خواب کی کیفیت‘‘
’’کیا مطلب؟‘‘
خواب اچھے اور سکون بخش بھی ہوتے ہیں ،  ڈراؤنے اور اذیت دینے والے بھی،  خواب ہمارے خیالات اور خواہشیں ہیں۔‘‘
اس نے پھو سوالیہ نظروں سے مرشد کی طرف دیکھا۔ 
مرشد نے قدرے توقف کیا،  پھر بولا۔۔۔ ’’اچھے شخص کے ساتھ دنیا جو بھی سلوک کرے، اسے اطمینان ہوتا ہے کہ وہ اچھا ہے،  اسے خواب میں طمانیت ملے گی۔ برے شخص کو دنیا کتنا ہی آسمان پر اٹھائے اس کے اپنے ضمیر میں خلش رہتی ہے کہ وہ برا ہے،  سو اسی کے خواب ڈراؤنے اور اذیت ناک ہوں گے۔ ‘‘
’’یہی جزا اور سزا ہے۔ ‘‘وہ بڑبڑایا۔۔۔ یعنی نیند کا اطمینان اور بے اطمینانی۔‘‘
مرشد نے اثبات میں سر ہلایا۔ 
’’خواب کا تعلق جسم سے ہے یا روح سے ‘‘اس نے پھر سوال کیا۔ 
’’جسم تو مٹی ہے، مٹی کے ساتھ مٹی ہو جاتا ہے۔ ‘‘
’’اور روح کی حقیقت ؟‘‘ اس نے پوچھا۔ 
مرشد کے ہشاش بشاش چہرے پر سایا سا لہرایا۔۔۔’’حقیقت تہہ در تہہ ہوتی ہے اور ورائے حقیقت، اس تک رسائی بہت مشکل ہے۔‘‘
’’ورائے حقیقت بھی ایک خواہش ہی ہے۔‘‘ اس نے سوچا۔ لیکن اصل حقیقت تو یہ ہے کہ دبے پاؤں پیچھے آنے والا ایک دن برابر آ جاتا ہے اور جو کچھ کرنا ہوتا ہے،  جو کچھ سوچا ہوتا ہے سب دھرےا دھرا رہ جاتا ہے۔‘‘
’’کیا سوچ رہے ہو۔‘‘ مرشد نے پوچھا۔ 
’’کچھ نہیں سوچ رہا،  بس ایک احساس ملال میں گرفتار ہوں کہ ساری زندگی میں نے کچھ بھی نہیں کیا۔‘‘
’’یہ احساس بھی کسی کسی کو ہی ہوتا ہے۔‘‘ مرشد نے گویا اسے تسلی دی۔ 
وہ کچھ نہیں بولا۔ مرشد کو احساس ہوا کہ اس کی بات سے وہ مطمئن نہیں ہوا اور ایسا شائد پہلی بار ہوا تھا۔ 
’’معلوم نہیں مضطرب ہونا سزا ہے یا جزا ‘‘ اس نے اپنے آپ سے کہا 
مرشد نے جیسے اس کے ذہن کو پڑھ لیا،  بولا۔۔’’ مضطرب ہونا زندگی کی علامت ہے۔‘‘
وہ جیسے ایکدم مطمئن ہو گیا۔۔ ’’تو اس کا مطلب ہے کہ مجھے اپنے ہونے کا احساس ہے اور تم کہتے ہو کہ آگے بھی رہے گا جسے یہاں اپنے ہونے کا احساس ہے۔‘‘
مرشد نے اثبات میں سر ہلایا۔ 
وہ چلتے چلتے رک گیا اور پیچھے مڑ کر زور دار آواز میں کہنے لگا۔۔۔ ’’یار تیز تیز آؤ میں جست لگانے کے لیے تیار ہوں۔ ‘‘
لیکن اندر ہی اندر کوئی شے مسلسل ٹوٹ رہی تھی اور چاروں طرف پھیلتی بے یقینی کی دھند آہستہ آہستہ گہری ہوتی چلی جا رہی تھی۔ 
٭٭٭

تشکر: مصنف جنہوں نے اجازت دی اور سید زبیر جنہوں نے فائل فراہم کی
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
