﻿


مسلمان بیوی






فیض الابرار صدیقی








کسی عورت کا کسی شخص کے نکاح میں آنا کوئی معمولی امر نہیں گو کہ یہ مرحلہ ہر لڑکی کی زندگی میں آتا ہے لیکن یہ بات بھی معروف ہے کہ اس کے بعد جو ذمہ داریاں سامنے آتی ہیں ہر لڑکی اسے نبھانے میں کامیاب نہیں ہو پاتی جس کا سب سے بڑا نتیجہ ہمارے معاشرے میں کثرت طلاق کی صورت میں سامنے آتا ہے سچی بات تو یہ ہے کہ عورت کے چار ہی روپ ہیں جس پر شریعت کی نصوص بھی موجود ہیں میری مراد بیوی،  ماں،  بیٹی،  اور بہن سے ہے۔  اس کے علاوہ کسی بھی عورت کا رشتہ غیر معروف اور غیر شرعی ہے۔ 

ایک اچھی بیوی کی کیا ذمہ داریاں ہو سکتی ہیں اور وہ کس طرح اپنے گھر کو جنت بنا سکتی ہے درج ذیل تحریر معاشرے کی انہی خواتین کو مخاطب کر کے لکھی گئی ہے جو اپنے ماحول، گھر،شوہر یا سسرال سے شاکی ہیں اور علیحدگی چاہتی ہیں۔ ایک بات یاد رکھیے کہ ہمیشہ زندگی میں درپیش آنے والے مسائل کے دوران آپ کے سامنے دو راستے نمودار ہوں گے ایک آسان اور سہل جسے ہم شارٹ کٹ کے نام سے جانتے ہیں اور دوسرا راستہ صراط مستقیم جو نسبتا طویل ہوتا ہے اور کچھ مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن بہرحال ہدف کا حصول اس میں یقینی ہوتا ہے۔ 

گو کہ ہدف بسا اوقات پہلے راستے پر چلنے کے نتیجے میں بھی حاصل ہو جاتا ہے لیکن اس کے ساتھ بہت کچھ سے محرومی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے اور بعض اوقات نہیں بلکہ اکثر اوقات پچھتاوا زندگی کا ساتھی بن جاتا ہے۔ 

ایک عورت کو بیوی کے مرتبہ پر فائز ہونے کے بعد سب سے بڑی مشکل جس کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہ شوہر کا اپنی ماں اور بہنوں کے ساتھ حسن سلوک جو بعض اوقات حد اعتدال سے بڑھ جاتا ہے جس سے وہ یہ نتیجہ اخذ کرتی ہے کہ شوہر اس پر توجہ نہیں دے رہا پس وہ اپنے نظر انداز کیے جانے کو بھولتی نہیں اور وقت آنے پر اس کا بدلہ لینے سے بھی چوکتی نہیں اور خرابی وہاں پیدا ہوتی ہے جہاں بیوی اپنی ماں یا میکہ میں جس کے نزدیک ہوتی ہے اسے سب کچھ بتاتی ہے اور قیامت اس وقت پیدا ہوتی ہے جب اسے وہاں سے اپنے شوہر پر قبضہ اور تسلط حاصل کرنے کے منفی حربے سکھائے جاتے ہیں اور پھر جائز ناجائز حربوں کے استعمال کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ساس اور نند بھی خم ٹھونک کر میدان میں اتر آتی ہیں اور پھر گھر ایک میدان جنگ بن جاتا ہے جس کے بعد گھر نے جنت کیا بننا ہوتا ہے ایک جہنم بن جاتا ہے اور شوہر شادی کے بعدمنقسم ہو جاتا ہے ایک طرف ماں ہوتی ہے جو دودھ نہ بخشنے کا اعلان کر دیتی ہے اور دوسری طرف بہنیں ہوتی ہیں جو زن مرید ہونے کے طعنے دے دے کر سونے پر سہاگہ کر دیتی ہیں اور بیوی بیچاری شروع میں دفاعی حالت میں ہو تی ہے اور جب وہ مسلسل یہی رویے دیکھتی ہے تو پھر وہ بھی جوابی رویے کے طور پر منفی سوچ کو اختیار کرنے کو ہی حل سمجھتی ہے۔ 

میری عزیز بہن !اللہ تمہیں اپنی امان اور عافیت میں رکھے اور اس امر کی توفیق دے کہ تم ایسی تمام منفی کیفیات سے بچ سکو اور یقین کرو کہ تمہارے پاس اس کی طاقت ہے کہ تم اس تمام کیفیت سے بخوبی کامیاب ہو کر نکل سکتی ہو بشرط یہ کہ تم خود چاہو کیونکہ تم خود نہیں جانتی کہ اللہ تعالی نے تمہیں کتنی عظیم طاقت عطا کی ہے۔ 

یہ وہ مقام ہے جہاں میں اپنی بہنوں سے مخاطب ہونا چاہتا ہوں کہ میری بہن یہی وہ مقام ہے جب آپ کے سامنے شارٹ کٹ آئے گا خدارا اسے چھوڑ دیجئے گا اور سیدھے راستے کو اختیار کریں جس میں آپ کا زاد راہ صرف اور صرف صبر اور تحمل ہونا چاہیے اور اس کے بعد احترام۔میری اس تحریر کے دو حصے ہیں پہلا حصہ آپ کا اپنے شوہر سے کس طرح کا تعلق ہونا چاہیے اس کے آداب اور کیفیات کا بیان ہے اور دوسری حصہ جو بعد میں بیان کیا جائے گا اس میں آپ کا اپنی ساس اور نندوں کے ساتھ تعلقات کی نوعیت کے بیان پر مشتمل ہو گا۔ ان شاء اللہ العزیز

بیوی بننا کوئی معمولی اور آسان کام نہیں اس کے لئے سمجھداری،  ذوق و سلیقہ اور دانش مندی کی ضرورت ہوتی ہے۔  جو عورت بھی اپنے شوہر کے دل پر حکومت کرنا چاہتی ہے اسے چاہئے کہ اس کی خوشی و مرضی کے اسباب فراہم کرنے کو اہمیت دے۔  اس کی صحت و سلامتی اور اس کے کھانے پینے کا خیال رکھے اور اسے ایک با عزت، محبوب اور مہربان شوہر بنانے کی کوشش کرے تاکہ وہ اس کے خاندان کا بہترین سرپرست اور اس کے بچوّں کا بہترین باپ اور مربی ثابت ہو۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اللہ تعالی نے عورت کو غیر معمولی صلاحیتوں سے نوازا ہے۔  اگر کسی خاندان کی خوش بختی اس کے ہاتھ میں ہوتی ہے تو خاندان کی بدبختی میں بھی اس کا اہم کردار ہوتا ہے خواہ وہ بیوی ہو یا ساس یا  نند یا بہو۔

سادہ سی بات ہے عورت چاہے تو اپنے گھر کو جنت کا نمونہ بنا سکتی ہے اور چاہے تو اسے جہنّم میں تبدیل کرسکتی ہے اپنے شوہر کی ترقی اور تنزلی اس کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔  میں اگر کہوں کہ عورت اگر خاوندیت کے فن سے آگاہ ہو اور اسے اللہ کی طرف سے عائد کردہ فرائض کو پورا کرنے والی ہو تو ایک عام مرد بلکہ نہایت معمولی اور نااہل مرد کو بھی ایک لائق اور باصلاحیت شوہر میں تبدیل کر سکتی ہے۔ 

لیکن کیسے یہی اصل سوال ہے جس کے جواب میں میری ہر بہن کی ازدواجی زندگی کا حسن او ر خوبصورتی مضمر ہے اگر وہ اس راستے پر چل سکے تو ورنہ۔۔۔۔۔

درحقیقت عورت ایک عجیب و غریب طاقت کی مالک ہوتی ہے وہ جو چاہے وہی بن سکتی ہے۔  اگر کسی بے مایہ شخص کے گھر میں خوش اخلاق اور نیک عورت موجود ہو تو وہ اس گھر کو خوش نصیبی کی جگہ بناس کتی ہے۔ ورنہ گھر گھر نہیں رہتا بلکہ قبرستان کی مانند ہو جاتا ہے جہاں سب کا آنا جانا لگا رہتا ہے۔ 

بعض روایات کے مطابق بشرط صحت عورت کے فرائض کی نوعیت جہاد کے مترادف ہے۔ اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے کہ اسلام کی عظمت و ترقی،  ممالک کا دفاع کرنے اور معاشرہ میں اصلاح و عدل و انصاف قائم کرنے کے لئے جہاد بہت بڑی عبادت شمار کیا جاتا ہے اس سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ عورت کے لئے اپنے شوہر کی دیکھ بھال اور فرائض کی انجام دہی کتنی اہمیت کا حامل ہے۔ 

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں : جس عورت کو ایسی حالت میں موت آ جائے کہ اس کا شوہر اس سے راضی و خوش ہو،  اسے بہشت نصیب ہو گی۔

 اور یہ بھی ارشاد ہے کہ: عورت،  اللہ تعالیٰ کے حق کو ادا نہیں کرسکتی جب کہ وہ بحیثیت شریک زندگی اپنے فرائض کو بخوبی ادا نہ کرے۔ 

لہٰذا سب سے اولین قرینہ یہ ہے کہ آپ اپنے شوہر سے محبت کا اظہار کیجئے 

ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ اس سے محبت کی جائے۔  کیونکہ اس کا دل محبت کی طاقت سے زندہ رہتا ہے اور اگر کسی انسان کو یہ احساس ہو جائے کہ کوئی اس سے محبت نہیں کرتا تو وہ ہزاروں کے درمیان بھی خود کو اکیلا ہی محسوس کرے گا یہ ذہنی تنہائی اس کو بہت جلد تباہ کر دیتی ہے اور وہ توجہ اور محبت کے حصول کے لیے حلال و حرام کی تخصیص ختم کر دیتا ہے۔ 

میری عزیز بہن !

آپ کے شوہر کا دل بھی چاہے جانے کی خواہش سے خالی نہیں محبت کی اسے بھی ضرورت ہے۔  پہلے وہ اپنے ماں باپ کی محبت سے مستفیض ہوتا تھا اور شادی کے بعد بھی وہ محبت کا طلب گار ہے کیونکہ آپ سے رشتہ پیمان وفا اسی صورت میں ہو سکتا ہے آپ اس مہر و محبت کی تلافی کریں اور اسے دل کی گہرائیوں سے محبت کریں کہ اس نے اپنے آپ کو آپ کے اختیار میں دیدیا ہے۔  اس نے تمام تعلقات کو منقطع کر کے آپ سے رشتہ محبت و دوستی استوار کیا ہے اب وہ چاہتا ہے کہ آپ اپنا بھرپور پیار و محبت اس پر نچھاور کریں اس کے شب و روز آپ کے آرام و آسائش کے لئے گزرتے ہیں اور اپنے ماحصل کو اخلاص کے ساتھ آپ کے اوپر نچھاور کر دیتا ہے۔  آپ ہی تواس کی شریک زندگی ہیں حتی کہ اب آپ کے ماں باپ سے زیادہ اسے آپ کی خوشی کا خیال رہتا ہے۔ لہٰذا اس کی قدر پہچانئے اور دل سے محبت کیجئے یہ تو لازمی بات ہے کہ اگر آپ اس کو عزیز رکھیں گی تو وہ بھی آپ پر اپنی محبت نچھاور کرے گا کیونکہ محبت ہمیشہ دو طرفہ ہوتی ہے اور اس سے ازدواجی زندگی کی بنیادیں مضبوط ہو جاتی ہیں اور علیحدگی کا خدشہ باقی نہیں رہتا۔

 اور ہاں یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ کبھی اس گمان میں نہ رہیے گا کہ میرے شوہر کی محبت اور عشق میرے ساتھ ہمیشہ قائم رہے گا لیکن اگر آپ چاہتی ہیں کہ اس کا عشق و محبت ہمیشہ قائم رہے تو مہر و محبت کے رشتہ کی حفاظت کیجئے۔  اور وہ اسی طرح ممکن ہے کہ آپ اپنے شوہر سے محبت کریں اس کا دل ہمیشہ خوش و خرم رہے گا اپنے روزمرہ امور کی مشغولیات کے ساتھ زندگی میں بھر پور دلچسپی لے گا اور ہر کام میں کامیابی حاصل کرے گا۔ اور وہ اپنے گھر کی فلاح و خوشی کے لئے اپنی کوششوں میں آخری حد تک مصروف عمل رہے گا لیکن شرط وہی ہے کہ آپ کے شریک حیات کو آپ کی محبت کا یقین حاصل ہو اور اس کا ایک اور فائدہ اور بھی ہے وہ یہ کہ جس مرد کو محبت کی کمی محسوس نہیں ہوتی وہ بہت کم دماغی امراض اور اعصابی کمزوریوں کا شکار ہوتے ہیں۔ 

میری عزیز بہن اللہ بے شمار خوشیاں آپ کے مقدر کرے آمین۔ لیکن اگر زندگی کے کسی بھی مرحلے پر آپ کے شوہر کو یہ احساس ہو جائے کہ آپ اس سے محبت نہیں کرتیں تو وہ آپ سے سرد مہری سے کام لے گا۔ زندگی اور اس کے معمولات سے اس کی دلچسپی کم ہوتی جائے گی۔نتیجہ پریشانیاں اور دماغی امراض کی صورت میں سامنے آئے گا۔ زندگی اور گھر سے فرار اور ممکن ہے کہ اللہ نہ کرے اسے غلط صحبت مل جائے تو مجبور ہو کر شراب خانوں،  قمار خانوں اور تباہی و بربادی کے مراکز میں محبت تلاش کرے۔ 

تو سوچیں کہ اصل نقصان کس کا ہوا آپ کا یا آپ کے شوہر کا۔میں ہی نہیں سب یہی کہیں گے اصل نقصان آپ کا ہوا ہے کہ آپ کی ذرا سی غفلت اور نادانی نے آپ کو اپنی حقیقی محبت سے محروم کر دیا۔ سوچیے گا ضرور!

لہٰذا میری محترم بہن :

اپنے شوہر کو صرف محبت سے ہی قابو کر سکتی ہیں اور محبت کے ذریعے اس کی توجہ کو اپنے گھر کی طرف مرکوز و مبذول کرایئے۔ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ آپ اپنے شوہر سے محبت نہیں کرتی آپ دل سے اپنے شوہر کو بہت چاہتی ہوں مگر اظہار نہ کرتی ہوں لیکن صرف دل سے ہی چاہنا ہی کافی نہیں بلکہ اس کا اظہار بھی ضروری ہے اور یہ صرف اپنی زبان سے ہی نہیں بلکہ اپنی گفتار اور حرکات کے ذریعہ سے بھی اپنی محبت و عشق کا اظہار کرتی رہا کریں۔  آخر اس میں کیا حرج ہے اگر کبھی کبھی آپ اپنے شوہر سے کہیں کہ میں واقعی آپ کو بہت چاہتی ہوں۔ 

اگر وہ کسی سفر سے واپس آیا ہے تو پھول جو محبت کی علامت ہوتے ہیں اس کی نذر کریں اور کہیں اچھا ہو آپ آ گئے مجھے آپ کی جدائی گوارہ نہیں۔  جب وہ باہر گیا ہو تو اسے خط لکھیں یا اس کے موبائل پر میسج کریں اور اس کے فراق و جدائی کا اظہار کریں۔  شوہر جہاں کام کرتا ہو وہاں کبھی کبھی فو ن کر کے اس کی خیریت پوچھ لیجئے (لیکن زیادہ نہیں ) اور اگر خلاف معمول دیر سے گھر پہنچے تو اپنی پریشانی کا اظہار کیجئے۔ 

اس کی غیر موجودگی میں اپنے بہن بھائیوں اور رشتہ داروں میں اس کی تعریف کیجئے یہ کہئے واقعی میں نے کیا شوہر پایا ہے۔  میں اس سے محبت کرتی ہوں۔ اگر کوئی اس کی برائی کرے تو اس کا دفاع کریں۔ 

یقین کریں آپ جتنا زیادہ اپنے عشق و محبت کا اظہار کریں گی وہ اتنی ہی زیادہ آپ سے محبت کرے گا۔ اور اس طرح آپ کی ازدواجی زندگی اتنی ہی خوشگوار اور خوبصورت ہوتی چلی جائے گی اور آپ کا گھرانہ خوش نصیب ہو گا۔

میں یہاں اپنا ذاتی تجربہ کی روشنی میں اگر کہوں کہ میری اہلیہ کی جس چیز نے میرے دل کو مسخر کیا وہ اس کی محبت ہے نہ کہ اس کے چہرے کی خوبصورتی۔یہی وجہ ہے کہ میرے نزدیک وہ عورت زیادہ پسندیدہ ہے جو زیادہ مہربان ہو تو یہ مبالغہ نہیں ہو گا۔

یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی نے بھی اس محبت کو اپنی قدرت کی نشانیوں میں سے ایک نشانی قرار دیتے ہوئے فرمایا، اللہ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی یہ ہے کہ اس نے تمہارے لئے شریک زندگی پیدا کئے تاکہ تم ان سے چین حاصل کرو اور تمہارے درمیان دوستی و محبت پیدا کی۔

 اور ایسی بیویاں ہی اپنے شوہروں کے لئے اللہ تعالی کی طرف سے بہترین انعام ہیں یعنی ایسی عورتیں جو اپنے شوہر سے محبت و عشق کا اظہار کریں۔ 

اپنے شوہر کا احترام کریں 

یہ ایک فطری امر ہے کہ ہر انسان اپنی شخصیت سے پیار کرتا ہے اور اس کا ایک مظہر یہ بھی ہے کہ وہ یہ بھی چاہتا ہے کہ دوسرے اس کی شخصیت کا احترام کریں اور سامنے کی بات ہے کہ جو اس کی شخصیت کا احترام کرتا ہے وہ اس سے پیار کرتا ہے اور اس کے برخلاف توہین کرنے والوں سے اس کا دل متنفر ہو جاتا ہے۔ 

تو میری عزیز بہن !

گو کہ اپنی ذات سے محبت اور اس کا احترام ایک فطری جذبہ ہے لیکن یہ ضروری نہیں کہ معاشرے میں موجود ہرفرد آپ کے شوہر کا احترام کرے اور اس کی عزت کرے۔  آپ کا شوہر جب گھر سے باہر ہوتا ہے تو سینکڑوں طرح طرح کے بدتمیز لوگوں سے اس کا سابقہ پڑتا ہے جو اکثر اوقات اس کی توہین بھی کر دیتے ہوں گے جس سے اس کا شخصیت مجروح ہو جاتی ہو گی۔  چونکہ آپ اس کی شریک حیات ہیں اس لئے اگر وہ آپ سے اس بات کی توقع رکھے کہ گھر میں آپ اس کا احترام کریں اور اس کی مجروح شخصیت کو سہارا دیں۔ 

تو یقین کریں اس کو مطلوبہ احترام دے کر ایک نیو طاقت و توانائی اور حوصلہ عطا کریں گی۔ آپ کے صرف چند حوصلہ افزا جملے اس میں ایک نئی روح پھونک دیں گے۔ 

میں اپنی بہن کو بتاتا ہوں کہ آپ کیا طریقہ اختیار کریں کہ آپ اپنے شوہر کو احترام سے بھرپور فضا دے سکیں 

1:ہمیشہ اس کو آپ کہہ کر مخاطب کیجئے۔ 

2 : گفتگو کے دوران اس کے کلام کو منقطع نہ کیجئے۔ 

3 :ہمیشہ اس سے ادب سے بات کریں یعنی چیخنے اور چلانے والا رویہ اختیار نہ کریں۔ 

4: اگر کسی محفل میں ساتھ جا رہی ہیں تو اسے آگے رکھئے۔ 

5:کبھی بھی اپنے شوہر کو اس کے نام سے نہ پکاریں بلکہ فیملی نام یا لقب یا ایسے نام سے مخاطب کریں جو اسے پسند ہوں۔ 

6: دوسروں کے سامنے اس کی تعریف و تحسین کیجئے۔ 

7: مہمانوں کے سامنے بھی اس کا احترام کیجئے۔  اور ان کے سامنے مہمانوں جیسی عزت اور احترام دیں اور خاطر تواضع کریں۔ ایسا ہرگز نہ ہو کہ مہمانوں کی عزت و خاطر تواضع میں اپنے شوہر کے وجود کو نظر انداز کر دیں اور آپ کی تمام تر توجہ مہمانوں پر مرکوز رہے۔ 

8جب وہ دروازہ کھٹکھٹائے تو کوشش کریں کہ آپ خود دروازہ کھولیں اور کشادہ پیشانی اور مسکراہٹ کے ساتھ اس کا استقبال کیجئے۔  کیا آپ جانتی ہیں کہ آپ کا یہ چھوٹا سا کام،  آپ کے شوہر کے دل پر کتنا اچھا اثر ڈالے گا ؟ شاید گھر کے باہر اسے ان گنت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہو اور وہ پریشان گھر آیا ہو۔آپ کا مسکراتے لبوں سے استقبال کرنا،  اس کے تھکے ماندے جسم میں ایک تازہ روح پھونک دے گا اور اس کے دل کو سکون و اطمینان عطا کر دے گا۔ممکن ہے میری بہنیں تعجب کریں کہ یہ کیسی عجیب و غریب تجویز ہے کہ بیوی شوہر کے خیر مقدم کے لئے جائے اور اسے خوش آمدید کہے وہ کوئی غیر اور اجنبی تو ہے نہیں کہ اسے اس بات کی ضرورت ہو کہ اس کا خیر مقدم کیا جائے اور اس طرح خوش آمدید کہا جائے۔ 

میں ایک بات آپ کو پورے یقین سے کہتا ہوں یہ بالکل صحیح ہے مہمان کا احترام کرنا چاہئے لیکن ذرا انصاف کریں کہ ایک شخص جو صبح سے شام تک آپ کے آرام اور ضروریات زندگی مہیا کرنے کی فکر میں لگا ہوا ہے اور سینکڑوں پریشانیوں اور دشواریوں کا سامنا کرتا ہے تو وہ اس امر کا زیادہ مستحق ہے کہ آپ گھر کے دروازے تک آنے کی زحمت گوارا کریں اور لبوں پر مسکراہٹ لا کر ایک خیر مقدمی جملے سے اس کا دل شاد کر دیں۔  یہ نہ کہئے کہ ہم آپس میں ایک دوسرے سے مانوس ہیں اس لئے وہ احترام کی توقع نہیں رکھتا بلکہ دوسروں سے زیادہ وہ آپ سے احترام کا خواہاں ہے۔  اگر آپ اس کا احترام نہیں کرتیں اور وہ خاموش رہتا ہے تو یہ اس بات کی دلیل نہیں کہ وہ آپ سے احترام کی توقع نہیں رکھتا بلکہ آپ کا لحاظ کر کے اپنی دلی خواہش کو دبا دیتا ہے۔  بلکہ میں تو یہ بھی کہوں گا کہ روزانہ صبح جاتے وقت اسے الوداع بھی مسکراہٹ کے ساتھ کریں۔ 

9اگر گرمی کا موسم ہے تو وسائل کے مطابق ٹھنڈا پانی یا کوئی مشروب پیش کریں 

10جب اس کے آنے کا وقت ہو تو زیادہ نہیں تو کچھ اہتمام ضرور کریں جس سے اسے یہ احساس ہو کہ اس کا وجود اور ذات آپ کے لیے کتنا اہم ہے میری مراد ظاہری خوبصورتی کے لوازمات اختیار کرنے سے ہے۔ 

تلک عشرۃ کاملۃ

میری عزیز بہن اگر آپ اپنے شوہر کی عزت کریں گی تو وہ بھی آپ کا احترام کرے گا۔ آپ کے درمیان رشتہ الفت و محبت مزید زیادہ بہتر اور پائیدار ہو جائے گا۔  گھر،  زندگی اور اپنے کام میں اس کی دلچسپی بڑھ جائے گی۔ اور یقینا یہ چیز آپ کے مفاد میں ہو گی۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں :

بیوی کا فرض یہ ہے کہ اپنے شوہر کا استقبال کے لئے گھرکے دروازے تک جائے اور اس کو خوش آمدید کہے۔ (بشرط صحت روایت)

وہ عورت جو اپنے شوہر کا احترام کرے اور اس کو تکلیف نہ پہنچائے،  وہ خوش نصیب اور سعادت مند ہو گی۔ 

 اور اگر اوپر بیان کیے ہوئے امور میں سے کسی ایک کو بھی آپ ترک کر دیں یا اس کے مخالف رویہ اختیار کریں تو یقین کریں زندگی کی خوشیاں آپ سے لمحہ بہ لمحہ دور ہوتی جائیں گی لہٰذا میں پھر کہوں گا کہ اس بات کا بہت زیادہ خیال رکھئے کہ آپ کسی بھی طرح اپنے شوہر کی توہین اور بے عزتی نہ کریں یعنی اسے بر ابھلا نہ کہیں گالی نہ دیں،  اس کی طرف سے بے اعتنائی نہ برتیں اس پر چیخیں چلائیں نہیں دوسروں کے سامنے اس کی بے عزتی نہ کریں، اس کو برے ناموں سے نہ پکاریں۔  اگر آپ اس کو توہین کریں گی تو وہ بھی آپ کی توہین کرے گا۔ وہ رنجیدہ ہو جائے گا آپ کی طرف سے اس کے دل میں کینہ بیٹھ جائے گا۔ اور اس کا ایک ہی نتیجہ نکلے گا کہ آپ کے اور اس کے درمیان محبت کا خاتمہ ہو جائے گا اور اللہ نہ کرے اس کے بعد اگر علیحدگی نہ بھی ہو تو باقی زندگی صرف کسی نہ کسی مجبوری کی صورت میں گزرتی ہے۔  اس حالت میں اگر ساتھ زندگی گزاریں گی تو یہ امر طے شدہ ہے کہ آپ کی زندگی خوشگوار نہیں ہو گی۔ ذہنی تناؤ، کینہ،  اور نفسیاتی الجھنیں صرف آپ کے شوہر کو ہی لاحق نہیں ہوں گی بلکہ عین ممکن ہے کہ آپ بھی ان سے دوچار ہوں اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ایسے رویے آپ کے لئے خطرہ پیدا کر دیں اور ظلم و ستم کا باعث بنیں۔ 

میری عزیز بہن میں آپ کے لیے دعاگو ہوں کہ اللہ تعالی آپ کو صبر اور حوصلہ دے تاکہ آپ ایسے نامساعد حالات سے کامیابی کے ساتھ گزر سکیں کیوں کہ کوئی انسان بھی ایسا نہیں جسے پریشانیوں،  الجھنوں اور دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑتا ہو۔ اور یہ بھی ایک فطری امر ہے کہ ہر شخص کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اس کا کوئی غمخوار اور محرم راز ہو جس سے وہ اپنی پریشانیوں کو بیان کرے۔  اور وہ اس سے اظہار ہمدردی کرے اور اس کا غم غلط کرے۔  لیکن ہر بات کا ایک موقعہ و محل ہوتا ہے۔ 

لہٰذا اپنے شوہر سے موقع مناسب دیکھ کر بات کریں 

اگر آپ کو کوئی شکایت ہے بھی تو اس کا یہ طریقہ کار قطعی درست نہیں کہ وہ جیسے آئے اور آپ اپنا دکھڑا اس کے سامنے فوارا ہی بیان کرنا شروع کر دیں اسے ضرور بتائیں لیکن موقع مناسب دیکھ کر کہ درد دل بیان کرنے کیلئے بھی مناسب موقع کا لحاظ رکھنا چاہئے۔  ہر جگہ،  ہر وقت اور ہر حالت میں شکوہ سے بات شروع نہیں کر دینی چاہئے۔ 

 اور میں تو یہ کہوں گا کہ وہ عورتیں نادان اور خود غرض ہوتی ہیں اور جنہیں شوہر داری کے آداب اور معاشرت کے رموز نہیں آتے اس کی سب سے بڑی وجہ یہی ہوتی ہے کہ ان میں اتنا بھی صبر و ضبط نہیں ہوتا کہ وہ اپنی پریشانیوں کو برداشت کریں اور درد دل کو مناسب وقت کیلئے اٹھا رکھیں جیسے ہی بیچارہ شوہر تھکا ماندہ گھر میں داخل ہوتا ہے،  ابھی اس نے سانس بھی نہیں لی کہ اسی وقت اس کی نادان بیوی شکایتوں کے دفتر کھول دیتی ہے جو گھر سے بیزار بنانے کے لئے کافی ہے۔  خود تو چلے جاتے ہو اور مجھے ان کم بخت بچوں میں سرکھپانے کے لئے چھوڑ جاتے ہو۔ احمد نے کمرے کے دروازہ کا شیشہ توڑ دیا۔ منیزہ اور پروین میں خوب لڑائی ہوئی۔ ان بچوں کی اودھم نے مجھے پاگل بنا دیا ہے۔  میں بیکار ہی ان سب کے لئے زحمت اٹھاتی ہوں۔  صبح سے اب تک اس قدر کام کئے ہیں کہ حالت خراب ہو گئی کسی کو میری پرواہ نہیں۔  یہ بچے ذرا بھی کسی کام میں ہاتھ نہیں لگاتے۔  کاش بے اولاد ہوتی۔ ہاں آج تمہاری بہن بھی آئی تھی معلوم نہیں اسے مجھ سے کیا دشمنی ہے جیسے اس کے مسائل کی ذمہ دار میں ہی تو ہوں اسے سمجھایا کرو۔ اور اوپر سے تمہاری ماں کے رویے۔  اللہ کی پناہ۔ پورے محلے میں میری برائیاں۔ 

میں تو ان سب سے تنگ آ گئی ہوں لعنت ہو مجھ پر کہ کہ ایسے خاندان سے پالا پڑا ہے۔  میرے ہاتھ دیکھو کھانا پکا رہی تھی چھری سے میرا ہاتھ کٹ گیا۔

 اور پھر یہاں سے اس پر طعنے شروع ہو جاتے ہیں کہ دیکھو لوگ اپنی بیویوں کا کس قدر خیال رکھتے ہیں۔  کیسے اچھے اچھے لباس ان کے لئے خرید تے ہیں۔  اس کو کہتے ہیں شوہر۔ آخر تم ایسے کیوں نہیں ہو اور میں اس سے کس بات میں کم ہوں کہ اس کی اتنی شان ہے۔  ہاں قسمت والی ہے۔  اس کا شوہر اس کا خیال رکھتا ہے تمہاری طرح نہیں ہے اب میں اس منحوس گھر میں تمہارے اور تمہارے بچوں کے لئے جان نہیں کھپا سکتی۔ جو چاہے کرو۔ وغیرہ وغیرہ۔

میری قابل احترام بہن :

میری بات کا اگر برا نہ منائیں تو میں یہ کہوں گا کہ شوہر داری کا یہ طریقہ بالکل بھی ٹھیک نہیں ہے۔  کیا آپ کا شوہر تفریح اور سیر سپاٹے کرنے کے لئے گھر سے باہر جاتا ہے۔ نہیں بلکہ وہ تو آپ کے لیے اور اپنے بچوں کے لیے روز ی کمانے،  ضروریات زندگی مہیا کرنے اور پیسے کمانے کی غرض سے باہر جاتا ہے۔  صبح سے اب تک اس کو نہ جانے کن کن پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا کہ جن میں سے ایک کی بھی آپ متحمل نہ ہو سکیں گی۔ آفس یا بازار کی مشکلات کی آپ کو خبر نہیں ہے۔  کیسے لوگوں سے پالا پڑتا ہے اور کیسی کیسی ذہنی پریشانیاں آ جاتی ہیں۔  آپ کو اپنے شوہر کے تھکے ماندے اعصاب کی کوئی فکر نہیں۔  اب جب کہ وہ باہر کی پریشانیوں سے جان چھڑا کر گھر میں پناہ لینے آیا ہے کہ ذرا دیر آرام کر لے تو بجائے اس کے کہ آپ اس کا غم غلط کریں،  شکایتوں کے دفتر اس کے سامنے کھول کے بیٹھ جاتی ہیں۔  آخر اس بے چارے نے مرد ہو کر کیا گناہ ہے کہ گھر سے باہر طرح طرح کی پریشانیوں میں گرفتار رہتا ہے اور گھر آتے ہی اسے آپ کے شکوے شکایات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔  ذرا انصاف سے کام لیجئے۔  تھوڑا سا اس کے بارے میں بھی سوچئے۔  اس کے پاس بھی سوائے اس کے اور کوئی چارہ نہیں کہ چیخے چلائے تا کہ آپ کی بے جا شکایتوں اور بد زبانیوں سے نجات حاصل کرے یا اس گھر سے فرار اختیار کر کے کسی ہوٹل،  سینما یا کسی دوسری جگہ جا کر پناہ لے یا سڑکوں پر آوارہ گھومتا ہے۔ 

بلکہ میں تو یہ کہوں گا کہ اپنے شوہر سے کسی بھی قسم کے شکوہ شکایت نہ کریں اور ہمیشہ اللہ تعالی سے مدد مانگیں میں جانتا ہوں کہ آپ یہ بھی کہہ سکتیں ہیں کہ جس کے ساتھ ہوتا ہے وہی جانتا ہے باقی سب تو باتیں بنانا ہی جانتے ہیں نہیں میری بہن یہ صرف میرا تجربہ یا مشاہدہ ہی نہیں بلکہ اللہ رب کائنات اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خوبصورت تعلیمات کا نچوڑ بھی ہے۔ 

لہٰذا اللہ کی رضا حصول اور اپنے اور خاندان کی خاطر اس قسم کی بے جا شکایتوں اور ہنگاموں سے اجتناب کریں۔ 

عقل مندی اور ہوشیاری تقاضا تو یہی ہے کہ موقع شناس بنئے۔  اور اگر آپ کو واقعی کوئی پریشانی لاحق ہے اور آپ سمجھتی ہیں کہ شوہر کو لازمی بتانا چاہیے وگرنہ مزید مسائل بڑھ سکتے ہیں تو صبر کیجئے تا کہ آپ کا شوہر آرام کر لے۔  اس کی تھکن دور ہو جائے اس کے بعد موقع کی مناسبت سے ضروری باتیں اس سے بیان کیجئے۔  لیکن اعتراض کی شکل میں نہیں بلکہ اس طرح گویا آپ اس سے مشورہ لے رہی ہیں اور اس کو حل کرنے کی فکر کیجئے۔  اگر آپ کے شوہر کو اپنے خاندان سے شدید لگاؤ ہے تو چھوٹی چھوٹی باتوں اور غیر ضروری واقعات کو اس سے بیان نہ کریں اور ہر وقت کی چپقلش سے اپنے شوہر کے اعصاب کو خستہ نہ کیجئے۔  اس کو اس کے حال پر چھوڑ دیجئے اس کو اور بھی بہت سی پریشانیاں لاحق رہتی ہیں۔ 

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں : جو عورت اپنی زبان سے اپنے شوہر کو تکلیف پہنچاتی ہے،  اس کی نمازیں اور دوسرے اعمال قبول نہیں ہوتے خواہ ہر روز روزہ رکھے اور راتوں کو عبادت اور تہجد کے لئے اٹھے۔  غلاموں کو آزاد کرے اپنی دولت فی سبیل اللہ خرچ کرے ایسی عورت جو بد زبان ہو اور اپنی بد زبانی سے اپنے شوہر کو رنج پہنچائے وہ پہلی ہستی ہو گی جو دوزخ میں داخل ہو گی۔

میری سمجھ میں نہیں آتا کہ ان فضول باتوں سے خواتین کا مقصد کیا ہے۔  اگر چاہتی ہیں کہ اس طرح سے شوہر کی توجہ کو اپنی طرف مبذول کرا لیں اور اپنے آپ کو اس کے سامنے محبوب، محنتی اور خیر خواہ ظاہر کریں،  تو اطمینان رکھیں کہ اس کا نتیجہ برعکس ہو گا۔ نہ صرف یہ کہ اس طریقے سے آپ اس کی محبت حاصل نہ کر سکیں گی بلکہ شوہر کے غیظ و غضب کا شکار ہو جائیں گی۔ اور اگر اس طرز عمل سے آپ کا مقصد اپنے شوہر کے اعصاب کو خستہ کرنا ہے تاکہ کام اور زندگی سے اس کا دل بھر جائے اور اعصابی امراض میں مبتلا ہو جائے اگر گھر سے فرار اختیار کرے اور اعصاب کو بے حس بنا دینے کے لئے خطرناک نشہ آور چیزوں کی عادت ڈال لے اور فتنہ و فساد کے مراکز کا رخ کرے اور آخر کار دق کا شکار ہو جائے تو اس صورت میں آپ کا کامیابی یقینی ہے۔ 

لہٰذا میری عزیز بہن !

اگر آپ کو اپنے شوہر اور اپنی اور اس کی زندگی سے محبت ہے تو اس غیر عاقلانہ اور غلط روش کو چھوڑیئے کیا اس بات کا احتمال نہیں کہ آپ کی بے جا شکایتیں،  قتل و غارت گری کا باعث بن جائیں یا آپ کی خاندانی زندگی کا شیرازہ بکھر جائے۔  اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ اور آپ کے شوہر اور بچوں کی زندگی اچھی طرح گزرے تو اپنے اخلاق کی اصلاح کیجئے۔  ہمیشہ خوش و خرم اور مسکراتی رہئے۔  تلخی اور جھگڑے سے پرہیز کیجئے۔  خوش گفتار اور شیریں بیان بنئے۔  آپ اپنی خوش اخلاقی کے ذریعہ اپنے گھر کو بہشت بنا سکتی ہیں۔  کیا یہ افسوس کی بات نہیں کہ بداخلاقی سے آپ اپنے گھر کو جہنّم میں تبدیل کر دیں اور خود کو اور اپنے شوہر اور بچوں کو اس عذاب میں مبتلا کر دیں۔  آپ چاہیں تو فرشتہ رحمت بن سکتی ہیں گھر کے ماحول کو خوشگوار اور پرسکون بنا سکتی ہیں۔  متبسم چہرے اور خندہ پیشانی اور شیریں بیانی سے آپ اپنے شوہر اور بچوں کے دلوں کو مسرّت و شادمانی عطا کرسکتی ہیں ان کے دل سے رنج و غم مٹا سکتی ہیں۔  کیا آپ جانتی ہیں۔ ؟

صبح جب آپ کے بچے اسکول یا کام پر جا رہے ہوں اور اگر آپ گرم جوشی اور مسکراہٹ کے ساتھ ان کو رخصت کریں تو ان کی روح اور اعصاب پر کیسا اچھا اثر پڑے گا۔ اور اپنے کاموں کو انجام دینے کے لئے ان میں کیسی تازہ لہر دوڑ جائے گی۔

آئیے ! میں اب آپ سے آخری بات کروں گا اور پھر اگلے ماہ تک آپ سے اجازت لوں گا اور وہ یہ ہے کہ :

ہمیشہ اپنے شوہر کے ماں باپ اور اس کی بہنوں کو اپنے ماں باپ اور بہنوں جیسا سمجھیں گو کہ یہ بہت مشکل ہے کہ لیکن ناممکن نہیں خواہ شوہر کے والدین اور بہن بھائی آپ کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک ہی کیوں نہ رکھیں کیوں کہ اگر آپ نے بھی ان کے ساتھ جوابی طور پر منفی رویہ ہی رکھنا ہے تو پھر آپ میں اور ان میں کیا فرق رہا

یہ مت بھولیے گا کہ برائی کو اچھائی سے مٹانے کی طاقت اللہ تعالی نے ہر مسلمان کو عطا کی ہے یہ الگ بات ہے کہ اس طاقت کو استعمال کوئی کوئی کرتا ہے اور اس یقین کے ساتھ کہ آپ کا رب زندہ ہے اور وہ سب کچھ دیکھ رہا ہے آپ کے اس خوبصورت رویے کا صلہ آپ کو وہ ملے گا جو آپ نے سوچا بھی نہ ہو گا۔

 اور آخری بات عورت تو قربانی اور ایثار کا دوسرا نام ہے اگر کامیاب مرد کے پیچھے کسی عورت کا ہاتھ ہوتا ہے تو ناکام مرد کی ناکامی میں بھی کسی عورت کا ہی ہاتھ ہوتا ہے۔
٭٭٭

ماخذ: جریدہ اسوہ
http://uswah.org
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
