﻿



مضامینِ ناظر

عبد اللہ ناظرؔ








 رباعیات 

رباعی کے وزن کے تعلّق سے میں نے حسبِ استطاعت رومن میں تشریح کی تھی لیکن اوزان کے بارے میں صرف مولوی عبدالحق کی مرتّبہ کتاب ( قواعدِ اردو ) کا حوالہ دیا تھا۔  اب خیال آیا کہ اس موضوع پر کیوں نہ مزید تشریح کی جائے۔۔
یہاں میں ضروری سمجھتا ہوں کہ ایک بہت ہی مفید کتاب کا ذکر کیا جائے جس کا نام ہے ( آہنگ اور عروض) جو کمال احمد صدّیقی کے نام سے "ترقّی اردو بیوریو ۔ نئی دہلی " سے ۱۹۸۹ ء میں شائع ہوی ۔۔ یہ کتاب علمِ عروض پر بہت ہی قابلِ اعتماد کتاب ہے جس کی قیمت گو کہ ۳۰ روپیہ ہے لیکن اس کی علمی قیمت اس سے استفادہ حاصل کرنے والے ہی سمجھ سکتے ہیں ۔۔ میں صفحہ نمبر ۲۶۷ سے ۲۷۳ تک ہی صرف رباعی کے باب پر روشنی ڈالنے کی کوشش کروں گا اس بات کا اعتراف کرتے ہوے کہ ساری باتیں اس کتاب سے نقل کی جائیں گی سوائے تھوڑی سی اضافی تشریح کے جس کے الفاظ کو میں ایک خاص  رنگ میں ظاہر کرنے کی کوشش کروں گا ۔۔۔ چلیئے اب میں کتاب سے نقل کرتا ہوں ۔۔۔۔۔۔۔۔
رباعی چار مصرعوں پر مشتمل ہوتی ہے ۔۔ پہلے ، دوسرے اور چوتھے مصرعے لازمی طور پر مردّف اور ہم قافیہ ہوتے ہیں ۔ تیسرا مصرع بھی ایسا ہی ہو سکتا ہے (ہم ردیف اور ہم قافیہ ) ۔ آزاد سے مراد ہے کہ ردیف اور قافیہ کا پابند نہ ہو ۔ دونوں کی  مثالیں ۔۔۔
۱)  الجھا الجھا سا جو ہے یہ وقت کا جال 
 دوش و فردا کا بھی ہے اس میں احوال 
ماضی کو سمجھ لے گا ، تو سمجھے گا حال 
 جو نقش ہوا ہے دھندلا اس کو اُجال 

۲) اے سرخیِ آفتاب ، زندہ رہنا 
 اے نعرۂ انقلاب ، زندہ رہنا 
ہے تشنہ لبی یاد مجھے مستی میں 
اے میرے حسیں خواب ، زندہ رہنا 

یہ تو رباعی کی ظاہری (اصلی ) شکل ہوئی لیکن ہر چار مصرعے جو معنوی طور پر مربوط ہوں اور اس فارم (شکل میں مگر بحر کے لحاظ سے الگ ) ہوں ضروری نہیں کہ رباعی ہوں ( مثال کے طور پر ) : 
میرے جذبات کی نوخیز کنواری کلیاں 
جن کی ہر پتّی پہ سوتی ہیں ہزاروں صدیاں 
رنگِ خاکستر و خاشاک پہ جانے والے 
ابدیّت کے خزانے بھی مقیّد ہیں یہاں 
اب آپ پوچھیں گے کہ فرق کیا ہے ، رباعی کے چار مصرعوں میں اور بظاہر اسی طرح کے مربوط چار مصرعوں میں ؟ اچھا ہوا کہ یہ سوال آپ نے پوچھ لیا ۔۔ میں تو بتاتا ہی لیکن آپ کے سوال سے عروض میں آپ کی گہری دلچسپی واضح ہوئی، تو آئیے یہ نکتہ سمجھ لیں ۔۔۔ 
رباعی کے اوزان کا استخراج بحرِ ہزج کے ارکان سے ہوتا ہے صدر  ابتدا ( مصرع کا پہلا حصّہ ) لازمی طور سے یا تو مفعولُ ( اخرب ہوں گے یا مفعولُن ۔ اخرم ) ( وزن کے پہلے رکن کا حصّہ یا تو بر وزنِ مفعولُ جو "مفاعیلن" پر خرب کے زحاف کے اثر سے اخرب۔"مفعولُ " ہو گا یا پھر خرم کے اثر سے "اخرم ۔ مفعولن " ہو گا ) ۔۔۔ ( پہلے مصرع کو تین حصّوں  میں یوں تقسیم کیجئے صدر ۔ حشو ۔ عروض اور دوسرے مصرع کے آخری حصّہ کو ضرب کہا جائے گا ) اسی طرح سے عروض / ضرب لازمی طور سے فعَلُ "مجبوب" یا ابتر فَع یا اہتم فعُولُ یا ازل فاع میں سے ہوں گے " حشو میں سالم "مفاعیلن " اشتر ""فاعلن " مقبوض "مفاعلن " اور مکفوف " مفاعیلُ " مختلف ترتیبوں سے آتے ہیں ، بارہ ترتیبیں اخرم ۔ مفعولن سے اور بارہ اخرب ۔ مفعولُ سے شروع ہوتی ہیں ۔ عروضیوں نے اخرب اور اخرم کے الگ الگ دو دائرے بنائے ہیں اور کچھ نے یہ قید بھی رکّھی ہے کہ ان دو  دائروں کے اوزان کا خلط ایک رباعی میں نہ ہو ۔ لیکن اس اصول کی پابندی پر کم اور اس سے انحراف پر زیادہ عمل ہوا۔۔۔ 
رباعی کے چوبیس اوزان یہ ہیں ؟ 
۱) مفعولُ مفاعیلُن مفعولُ فعَل ۔۔۔ ۲) مفعولُ مفاعیلُن مفعولُ فعول 
۳) مفعولُ عفاعیلن مفعولُن فَع ۔۔۔ ۴) مفعولُ مفاعیلُن مفعولن فاع 
۵) مفعولُ مفاعلُن مفاعیلُ فعَلُ ۔۔۔ ۶) مفعولُ مفاعلُن مفاعیلُ فعلُ 
۷) مفعولُ مفاعلن مفاعیلُن فع ۔۔۔ ۸) مفعولُ عفاعلن عفاعیلن فاع 
۹) مفعولُ مفاعیلُ مفاعییلُ فعَلُ ۔۔۔۱۰ ) مفعولُ مفاعیلُ مفاعیلُ فعول 
۱۱) مفعولُ مفاعیلُ مفاعیلن فع ۔۔۔ ۱۲) مفعولُ مفاعیلُ مفاعیلن فاع 
۱۳) مفعولن مفعولن مفعولُ فعَل ۔۔۔ ۱۴) مفعولُ مفعولُن مفعولُ فعول 
۱۵) مفعولن مفعولن مفعولن فع ۔۔۔ ۱۶) مفعولن مفعولن مفعولن فاع 
۱۷) مفعولن فاعلن مفاعیلُ فعَل ۔۔۔ ۱۸) مفعولن فاعلن مفاعیلُ فعول 
۱۹) مفعولن فاعلن عفاعیلن فع ۔۔۔ ۲۰) مفعولن فاعلن عفاعیلن فاع 
۲۱) مفعولن مفعولُ عفاعیلُ فعَل ۔۔۔ ۲۲) مفعولن مفعولُ مفاعیلُ فعول 
۲۳) مفعولن مفعولُ مفاعیلن فع ۔۔۔ ۲۴) مفعولن مفعولُ عفاعیلن فاع 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
نرگس نَے بید مشک نے برگ چنار ۔۔۔ ۱۸) مفعولن فاعلن مفاعیلُ فعول 
ہے شور بہت گلشن میں آئی بہار ۔۔۔ ۲) مفعولُ مفاعیلن مفعولُ فعول 
پھولوں کا ہے شوق بہت ؂ پھر حضرت ۔۔۔ ۲۲) مفعولن مفعولؑ مفاعیلن فع 
جو دل پہ ہیں داغ ان کو کیجئے شمار ۔۔۔ ۱۴) مفعولن مفعولن عفعولُ فعول 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
قاتل کی کیا کرتے ہیں مدح و تحسیں ۔۔۔۱۱) مفعولُ مفاعیلُ مفاعیلن فع 
ظالم کی یہ تعریفیں خوب نہیں ۔۔۔ ۱) مفعولُ مفاعیلن مفعولُ فعل 
تم کیسے نمائندے ہمارے ہو بھلا ۔۔۔ ۹) مفعولُ مفاعیلُ مفاعیلُ فعل 
کچھ تو سمجھو حا لتِ دِلہائے حزیں ۔۔۔ ۲۱) مفعولن مفعولُ مفاعیلُ فعل 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
اب آئیے ان چوبیس اوزان کی مثالیں بھی دیکھ لیں : 
کب کی ہے ہم نے بے وفائی سرکار ؟ ۔۔۔ ۲۰) مفعولن فاعلن مفاعیلن فاع 
ہر سانس پہ کیوں کریں وفا کا اظہار ؟ ۔۔۔ ۸) مفعولُ مفاعلن مفاعیلن فاع 
جان و مال و دل تم کو ندر کیئے ۔۔۔ ۳) مفعولن مفعولن مفعولُ فعل 
کچھ یاد ہیں اپنے بھی تمہیں قول و قرار ۔۔۔ ۱۰ ) مفعولُ مفاعیلُ مفاعیلُ فعولُ 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
کم ہمّت جینے سے ہیں بیزار ۔۔۔ ۲۴) مفعولن مفعولُ مفاعیلن فاع 
جو عزم کے قکّے ہیں مردانِ کار ۔۔۔ ۴) مفعولن مفاعیلن مفعولن فاع 
ان کو ہر شکل ہوتی ہے مہمیز ۔۔۔ ۱۶) مفعُولُن مفعولُن مفعولُن فاع 
آتا ہے مزہ ‘ ہوں جو مراحل دشوار ۔۔۔ ۱۲) مفعولّ مفاعیلُ مفاعیلُ فاع 

نرگس نَے بید مشک نے برگ چنار ۔۔۔ ۱۸) مفعولن فاعلن مفاعیلُ فعول 

نرگس : نَے:بید مشک : :نَے : برگِ چنار ۔۔۔ ۱۸) مفعولن فاعلن مفاعیلُ فعول 
ہے شور بہت آئی گلشن میں بہار ۔۔۔۔ ۲) مفعولُ مفااعیلن مفعولُ فعول 
قھولوں کا ہے شوق بہت ؟ حضرت ،۔۔۔ ۲۳) مفعولؑ ن مفعولُ مفاعیلن فع 
جو دل پہ ہیں داغ ان کو کیجئے شمار ۔۔۔ ۱۴) مفعولن مفعولن مفعولن مفعول 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
قاتل کی کیا کرتے ہیں مدح و تحسیں ۔۔۔ ۱۱) مفعولُ مفاعیلُ مفاعیلن فع 
ظالم کی یہ تعریفیں خوب نہیں ۔۔۔ ۱)مفعول ُ مفاعیلن مفعولُ فعل 
تم کیسے نمائندے ہمارے ہو بھلا ۔۔۔ ۹) مفعولُ مفاعیلُ مفاعیلُ فعل 
کچھ تو سمجھو حالتِ دلہائے حزیں ۔۔۔ ۲۱) مفعولن مفعولُ مفاعیلُ فعل 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
با عزّت ہیں سب قاتل غارت گر۔۔۔ ۱۵) مفعولن مفعولن مفعولن فع 
دیکھا ہی نہیں پہلے کبھی یہ منظر ۔۔۔ ۳ ) مفعولُ مفاعیلن مفعولن فع 
روتا ہے ؟ کمبخت ہوے اشک بھی خشک ۔۔۔ ۲۲) مفعولن مفعولُ مفاعیلُ فعول 
کیا وقت پڑا ہے تجھ  پہ اے دیدۂ تر ۔۔۔ مفعولُ مفاعلن مفاعیلُ فعل 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
فصلِ گل پھر  رہی ہے گلشن گلشن ۔۔۔ ۱۹) مفعولن فاعلن مفاعیلن فع 
پھولوں سے بھرا ہوا ہے دامن دامن ۔۔۔ ۷ ) مفعولُ مفاعلن مفاعیلن فع 
ہر موجِ نسیم بن گئی موجِ بہار ۔۔۔ ۶ ) مفعولُ مفاعلن مفاعیلُ فعول 
گلشن ہی کیا کہ کِھل گئے دشت و دمن ۔۔۔ ۱۷) مفعولن فاعلن مفاعیلُ فعل 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
کیا رباعی کے اوزان مین غزلیں بھی لکّھی گئی ہیں ؟ ( ٍ یہاں اس کے جواب کی بجائے عربی میں رباعی کے رواج پر غیر مکمّل 
بحث کی گئی ہے جس کو میں حذف کر رہا ہوں ) 
فارسی میں رباعی کے اوزان کی دو بنیادی ترتیبیں ہیں : 
۱۔ مفعولُ مفاعیلُ مفاعلُ فعَل / فعولُ 
۲۔ مفعول مفاعلن مفاعیلُ فعل / فعولُ 

دوسری ترتیب سے تخنیق کو کام میں لائیں تو یہ اوزان حاصل ہوتے ہیں : 
۱۔ مفعولُ مفاعلن مفاعیلن فع / فاع 
۲۔ مفعولن فاعلن مفاعیلُ فعل / فعول 
۳ ۔ مفعولن فاعلن مفاعیلن فع / فاع 
گویا ایک ترتیب سے ( عروض / صرب کو شمار کریں تو آٹھ ترتیبں بنتی ہیں اور اسی طرح رباعی کے باقی سولہ ترتیبیں تخنیق 
سے وزن نمبر ایک سے حاصل ہوتی ہیں 
مفعول مفاعیلُ مفاعیلُ فعل / فعول 
۱ ۔ مفعول مفاعیلُ مفاعیلن فع / فاع 
۲ ۔ مفعولن مفعولُ مفاعیلُ فعل / فعول 
۳ ۔ مفعولن مفعولُ مفاعیلن فع / فاع 
۴ ۔ مفعولُ مفاعیلن مفعولُ فعل / فعول 
۵ ۔ مفعولُ مفاعیلن مفعولن فع / فاع 
۶ ۔ مفعولن مفعولن مفعولُ فعل / فعول 
۷ ۔ مفعولن مفعولن مفعولن فع / فاع 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
فارسی کی طرح اردو میں بھی ان سارے چوبیس ارکان کا خلط رباعی میں ہوتا ہے لیکن یہ بات آپ کو بتادینے میچ کوئی ہرج 
نہیں کہ زیادہ تر شاعر عروض سے واقف نہیں ہیں اس لیئے وہ "خداداد" طبعِ موزوں سے صرف چند اوزان ہی استعمال 
کرتے ہیں ۔ ہاں وہ بات تو رہ ہی گئی جو آپ نے پوچھی تھی یعنی غزل میں چوبیس اوزان کا خلط ۔ آپ کا دل گواہی دے تو سمو۔ 
چوبیس اوزان کا خلط روا رکھیں ورنہ آٹھ اور سولہ اوزان ( دو دو عروض / ضرب کی وجہ سے ) دو بنیادی ترتیبوں کے تحت تو 
استعمال کر سکتے ہیں ۔ 
رباعی کے اوزان میں ایک خاص بانکپن ہے ، اور اس میں لغزش کا بھی امکان ہوتا ہے ۔ مثال کے طور پر غالبؔ کی ایک رباعی
ہے :
دکھ جی کے پسند ہو گیا غالبؔ 
دل رک رک کر بند ہو گیا غالبؔ 
واللہ کہ شب کو نیند آتی ہی نہیں 
سونا سوگند ہو گیا غالبؔ 
تقطیع 
تقطیع : جکھ جی کِ (مفعولُ ) پسند ہو ( مفاعلن ) گیا ہے غا (مفاعیلن ) لب ( فع ) 
دل رک رک (مفعولن ) کر بند (مفعولُ) ہو گیا ( فاعلن) ہے غالبؔ ( مفعولن ) 
واللہ ( مفعولُ ) کب شب ک نی ( مفاعلن) نداتی ہ ( مفاعیلُ ) نہیں (فعل ) 
سونا سو (مفعولن ) گند ہو ( فاعلن ) گیا ہے خا ( مفاعیلن ) لب ( فع ) 
دوسرا مصرع رباعی کے کسی وزن میں نہیں ہے ۔ دوسرے رکن میں ایک سببِ خفیف زیادہ ہے ۔ اس کے دو حل نکالے گئے 
ض ۔ مالک رام نے غالبؔ انسٹی ٹیوٹ کے لیئے جو دیوان مرتّب کیا اس میں ایک ‘رک‘ کم کر دیا ۔ وزن تو درست ہو گیا 
لیکن معنوی لحاظ سے سقم پیدا ہو گیا کیونکہ رک رک کر بند ہونے کے معنی ہیں کہ ایک دم سے بند نہیں ہوا ۔ لیکن ایک "رک" کے معنی وہی ہیں جو بند ہونے کے ہیں ۔ یہ ٹھیک ہے کہ غالبؔ کا کوئی دیوان اغلاط سے پاک نہیں ہے ‘ لیکن یہ محض 
قیاسی اصلاح ہے اور ایسی جو مصرع کو بے معنی بنا دیتی ہے ۔۔ 
۲۔ "عروض آہنگ اور بیان" میں شمس الرحمان فاروقی نے ایک "رک" کو خزم قرار دیا ہے ۔ خزم عربی میں ایک "زیادت" والا تغیّر ہے ‘ جس میں ایک کلمہ اوائلِ مصرع میں بڑھایا جاتا ہے غالبؔ ، ان کے ہم عصروں اور ان کے پیش روؤں نے یہ زحاف استعمال نہیں کیا ہے ‘ اس لیئے یہ بات قرینِ قیاس نہیں کہ غالبؔ نے "رک" کو خزم کیا ۔ 
مالک رام نے ایک "رک" جو حذف کیا ہے اس سے بہتر تو یہ مصرع ہے : 
"جل رک رک بند ہو گیا ہے غالبؔ " 
لیکن یہ میرزائی زبان نہیں ہے ۔ میرؔ , سوداؔ وغیرہ کی زبان ہے ۔ سوائے اس کے کہ غالبؔ سے لغزش ہوئی ہے 
اور کچھ نہیں کہا جا سکتا ۔ 
مشق کے لیئے "جنون و حکمت " میں  جوشؔ ملیح آبادی کی رباعیوں کی تقطیع کیجئے ۔ فراَقؔ گورکھپوری کی رباعیاں "روپ " 
میں ہیں ان کی تقطیع بھی کیجئے ۔ بہت سی باتیں آپ کے علم میں آئیں گی ۔ 
ہاں ایک بات اور بتا دوں : "لا حول ولا قوّہ الّا باللہ " 
بہت سی رباعیوں میں آپ کو یہ مصرع ملے گا ۔ جو لوگ عروض واجبی سی جانتے ہیں , وہ اسی کو رباعی کا وزن سمجھے ہیں 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
 

علمِ عروض 

علمِ عروض شعر کے وزن کی موزونیت کی جان پہچان کے لیئے وجود میں آیا ۔ اور اس کے ذریعہ وزن میں کسی خلل کی شناخت 
ہو سکتی ہے ۔ اس علم کے اول موجد خلیل ابن احمد الفراھیدی کہلائے جن کی کتاب کا نام(العروض ) ہے جو ۱۵ بحروں پر 
مشتمل ہے لیکن ان کے شاگرد اخفش نے ایک اور بحر کا اضافہ کیا جس کا نام ’’ خبب’’ رکھا جو "متدارک" کہلاتی ہے 
خلیل ابن الفراھیدی کے متعلق کہا گیا ہے کہ ان کا نام ،خلیل ابن احمد الفراھیدی الازدی ہے جو عمان میں ۱۰۰ ھجری = 
۷۱۸ ء میں پیدا ہوے اور ان کا انتقال ۱۷۵ ھجری = ۷۹۱ ء میں ہوا 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 

۔۔(شعر کا مفہوم )۔۔ 

وہ منظوم کلام جس میں عام طور پر عمودِ کلام یعنی وزن و قافیہ ہو ورنہ وہ نثر کہلائے گا جس کو منتخب حسین الفاظ 
کی صورت میں آج کل نثری نظم کہا جا رہا ہے جس کی اس تعریف سے اکثر دانشوروں کو اختلاف ہے البتہ آزاد نظم کو 
عام طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے جس میں وزن تو ہوتا ہے لیکن کسی مصرع میں مکمل وزن کسی میں وزن کے ایک جزو کے اضافہ کے ساتھ یا کمی کے ساتھ
۔۔۔ ( ارکان یا تفاعیل )۔۔۔

ارکان یا تفاعیل کی تعریف یہ ہے کہ وہ اسباب اور اوتاد کے مجموعے ہوتے ہیں۔  سبب اس کو کہتے ہیں جو ایک متحرک حرف 
اور ایک ساکن سے بنتا ہے جیسے فا ، لن ، تن ، مس ، تف ، اور وتد وہ ہیں جو عام طور پر دو یا دو سے زیادہ متحرک اور  ایک ساکن حرف سے بنتا ہے جیسے عِلا ، عِلن ، فعِلن ، متَفا وغیرہ 
جب شعر کی صوتی تحلیل یا تقطیع کی جاتی ہے تو حرکات اور سکنات کے مجموعات کا تقابل لفظ اور رکن سے کیا جاتا ہے  جس کو وزن کہتے ہیں۔  

اسی کتاب کے صفحہ نمبر ۵۵۲ اور ۶۵۲ پر خاص اور عام زحافوں کا ذکر ہے جو ترتیب وا ر ۴ اور۱۱ ہیں یعنی جملہ ۱۵۔  اس کتاب کی مندچۂ بالا عبارات پڑھنے کے بعد اس کے ذمہّ دار افراد کی اور مجھ جیسے نقل نویس کی اہمیت پر اعتماد کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔  
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
کتابِ آہنگ اور عروض 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔ 
اس کے صفحۂ نمبر ۱۹۵ پر لکھا ہے : 
۱۵ ۔ کامل مربّع مرفّل ( متفاعلن متفاعلاتن ۔ دو بار )۔  
میں بھی اس سے متّفق ہوں کہ ترفیل کی وجہ سے متفاعلن سے متفاعلاتن صحیح ہے َ۔  جب ۱۵ زحاف میں ترفیل کا کوئی ذکر نہیں ہے تو پھر یہ "ترفیل " جس سے بحر کے ارکان پر اثر پڑتا ہے ؟ 
اسی کتاب کے صفحۂ نمبر ۱۰ اور ۱۱ پر یہ پڑھیئے : 
" اگر آپ سے ہم یہ کہیں کہ سب زحافوں کی مجموعی تعداد اڑتالیس (۴۸ ) ہے تو آپ میں سے ،،،،،، ( وغیرہ )۔  
مندرجہ بالا سے یہ انکشاف ہو رہا ہے کہ زحافوں کو ۱۵ تک محدود سمجھنا بھی ہمارے علم کا نقص ہے۔  
صفحۂ نمبر ۵۳ پر عنوان ہے " عروض اور ضرب کے لیئے مخصوص زحاف "۰ یہاں ۲۴ زحافوں کا ذکر ہے جن میں " ترفیل " بھی شامل ہے۔  
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
اب ہم عربی میں عروض کی کتابوں پر نظر ڈالتے ہیں تو وہاں زحاف کے عِلاوہ ایک اور شئے بھی ہے جس کو ( علّت ) کہتے ہیں (شاید اردو میں اس کو بھی زحاف میں شامل سمجھا گیا ہے)۔
(علّت ) صرف عروض اور ضرب پر اثر انداز ہوتی ہے۔  وہ علّتیں جو کسی رکن میں ایک یا ایک سے زیادہ حرف کا اضافہ کرتی ہیں وہ تین (۳ ) ہیں تذئیل، ترفیل ، اور تسبیغ ،۔  وہ علّتیں جن کی وجہ سے رکن میں کمی کی جاتی ہے وہ دس (۱۰ ) ہیں : بتر ، تشعشث ، حذذ ، حذف ،صلم ، قصر ، قطع ، قطف ، کسف اور وقف۔  

مزید تفصیلات کو چھوڑتے ہوے ہم صرف یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ " ترفیل " سے رکن پر کیا اثر پڑتا ہے۔  ایسی تفعیلہ جس کے آخر میں وتدِ مجموع ہوتا ہے ( جیسے ’’ عِلُن ") اس میں " ترفیل " کی علّت سببِ خفیف کا اِضافہ کرتی ہے جیسے متفاعلُن کو متفاعِلاتن بنا دیتی ہے۔  
متفاعلاتن بحرِ کامل مجزوء میں واقع ہوتی ہے " ترفیل " کے اثر سے ِ اس بنیاد پر اگر ہم ایک تفعیلہ کو " متفاعلَتُن " ثابت کرنا چاہیں تو ضروری ہو گا کہ کسی زحاف یا علّت کا نام لیں جس کی وجہ سے ایسا ہوا ہو۔  
میں اس مقام پر عاجز آتے ہوے صرف مولوی عبدالحق کی کتاب کے صفحۂ نمبر ۲۵۳ پر مذکور مندرجۂ ذیل قول کی تصدیق اہلِ علم و فن سے چاہوں گا : 
"خلیل ( یعنی موجدِ علمِ عروض خلیل ابنِ احمد الفراھیدی ) کا خیال ہے کہ انہیں بحروں پر تمام عروض منحصر ہے ، لیکن یہ صحیح نہیں ہے ، بحروں میں بہت اضافہ ہوا اور ہو سکتا ہے ، افاعیلِ ہفتگانہ کے عِلاوہ ایک اور مشہور رکن مفاعِلَتُن ہے مگر مروّج نہیں۔  " 
خلاصہ : 
۔۔۔۔۔۔۔ 
جب کہ اس اِضافی وزن کو بحرِ متدارک مخبون محدوف مضاعف کہنا عروض کا ایک صحیح حل ہے تو پھر عروض کی کتابوں کے گیسوئے پیچاں کی مشّاطگی کرنے میں کیوں اپنا وقت برباد کریں۔ خدا عروضیوں کو نیک توفیق دے اور ہم کو صبر و حلم اور علم عطا فرمائے۔  
 

قطعہ۔ عروضی شکل

محترمہ ناھید ورک صاحبہ اور عزیزی فیصل فارانی 
پر خلوص تسلیمات ، 
آپ نے قطعہ کی شکل کے تعلّق سے دریافت فرمایا ہے۔  اس سے پہلے رباعی کے بارے میں یہ بتاتا چلوں کہ مولوی عبدالحق کی مرتّبہ کتاب ( قواعدِ اردو ) کے آخری صفحہ نمبر ۲۶۸ پر ۲۴ اوزان میں کے ۲۳ اوزان لکّھے ہوے ہیں جن کو دو حصّوں میں تقسیم کیا گیا ہے ، پہلا حصہ شجرۂ اخرب کا ہے جس میں ۱۱ اوزان مذکور ہیں ، دوسرا حصّہ شجرۂ اخرم کا ہے جس میں ۱۲ اوزان مذکور ہیں۔  
قطعہ : یہ غزل کی مانند ہوتا ہے سوائے اس کے کہ اس میں مطلع کا وجود نہیں ہوتا ، اس کے قافیہ کا تعیّن پہلے شعر کے دوسرے مصرعہ سے ہوتا ہے ، اس کا مضمون پہلے مصرع سے لے کر آخری مصرعہ تک ایک ہی موضوع کے متعلق ہوتا ہے ( جیسا کہ نظم میں ) ، اس کے اشعار کی کوئی تعداد محدود نہیں تاہم کم سے کم دو شعر سے مرکّب ہونا چاہیئے ، اس کا وزن رباعی کے اوزانسے مختلف ہو گا۔  
مندرجۂ بالا وصف سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ قطعہ کے پہلے شعر کے دو مصرعے ہم قافیہ نہیں ہونے چاہیئے۔  لیکن بہت سے استاد شعراء نے (اس مسلّمہ قاعدہ کے خلاف ) قطعہ کے پہلے شعر کے دونوں مصرعوں کو ہم قافیہ رکّھا ہے یا ناشرین نے ان اشعار کو قطعات کا نام دے دیا ہے جو در اصل قطعات نہیں ہیں۔  آپ کی معلومات کے لیئے استاد قمر جلالوی کے بعض ( ایسے ہی قطعات ) پیشِ خدمت ہیں : 
۱) پڑھ چکے حسن کی تاریخ کو ہم تیرے بعد * عشق آگے نہ بڑھا ایک قدم تیرے بعد 
آج تک پھر کوئی تصویر نہ ایسی کھینچی * جیسے کھائی ہو مصوّر نے قسم تیرے بعد 
۲ ) سکوں پسند جو دیوانگی مری ہوتی * خبر کسی کو نہ انجامِ عشق کی ہوتی 
غلط بتاتے ہو ناصح جو میری فریادیں * خطا معاف محبّت کسی سے کی ہوتی 
۳ ) کام آئیں شوخیاں نہ ادا کارگر ہوئی * جو بات تھی تمہاری وہی بے اثر ہوئی 
خلوت میں جا کے ہنس دیئے کیا اس سے فائدہ * صحرا میں پھول کھل گیا کس کو خبر ہوی 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
ان قطعات کے ہر شعر میں ۲ شعر وارد ہوے ہیں جبکہ ایسی پابندی کوئی ضروری نہیں ہے ، دو شعرسے زیادہ بھی ہو سکتے ہیں۔  رہا پہلے دو مصرعوں کا ہم قافیہ ہونا اگر غلط ہے تو کیا استاد شاعر قمر جلالوی ، اس قاعدہ سے ناواقف تھے ؟ کم از کم میرے پاس تچ کوئی جواب نہیں۔  
اب ایک قطعہ کی صحیح شکل ملاحظہ فرمائیے جو فانی بدایونی کے دیوان میں ملتی ہے:
قطعہ نظام الاوقاتِ خود : 
فانی کے اب اوقات نہ پوچھو کہ وہ اس سال * بستی میں ملے گا نہ بیاباں میں ملے گا 
محراب میں پاؤ گے نہ میخانہ میں اس کو * محفل میں نہ وہ حلقۂ رنداں میں ملے گا 
البتّہ وہ ناواقفِ اسرارِ حکومت * ناندیڑ کے اک قصبۂ ویراں میں ملے گا 
دن رات وہ دیوانۂ خود داری و غیرت * آغوشِ غم و پہلوئے حرماں میں ملے گا 
وہ نور کا تڑکا ہو کہ ہو تیرگیِ شام * جب دیکھیئے وہ کلبۂ احزاں میں ملے گا 
جب دیکھیئے وہ طوقِ غلامی سے گرانبار * اندوہِ مشیّت کے ہی زنداں میں ملے گا 
گو راہِ خطا سے نہیں ہٹتا قدم اس کا * سر شرمِ معاصی سے گریباں میں ملے گا 
ملاحظہ فرمائیے کہ مندرجۂ بالا قطعہ میں ۷ شعر ہیں 

کیا قطعات کسی خاص مقصد کے لیئے بھی استعمال ہوتے ہیں ؟ 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
جی ہاں اس کے ذریعہ کسی خاص تقریب کی تاریخ بھی نکالی جاتی ہے اور تاریخِ وفات بھی۔ 
مثلاً فانیؔ کے اس قطعہ کو دیکھیئے ؟ 
قطعۂ تاریخِ ( چیالِ طبعِ ) دیوانِ فانیؔ ۔
یہ دفترِ دردِ عشق یارب * مقبولِ جہاں رہے شب و روز 
ہر زمزمہ ہر ترانہ اس کا * ہے دردِ جگر سے بہرہ اندوز 
لکھنا ہے جو سالِ طبعِ فانیؔ * لکھ دیجئے ( نغمۂ جگر دوز ) 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
ملاحظہ : دیوان میں صرف دو لفظوں ( جگر دوز ) کے نیچے خط کھینچا گیا ہے (شاید طباعت کی غلطی ہو) 
اس قطعہ سے جو تاریخ نکالی گئی ہے وہ ہے ۱۳۳۵ ء ہے اور تاریخ کے الفاظ ہوتے ہیں ( نغمۂ جگر دوز ) 

تاریخ کے اعداد کے شمار کے لیئے ہم کو ابجدی حروف اور ان کی قیمت جاننا ضروری ہے اور وہ ابجدی حروف ہیں مندرجۂ ذیل عبارت میں : 
ابجد ہوز حطّی کلمن سعفص قرشت ثخذ ضظغ 
ا = ۱ ،  ب = ۲ ،  ج = ۳ ،  د = ۴ 
ہ = ۵ ،  و = ۶ ،  ز = ۷ 
ح = ۸ ،  ط = ۹ ،  ی = ۱۰ 
ک = ۲۰ ،  ل = ۳۰ ،  م = ۴۰ ،  ن = ۵۰ 
س = ۶۰ ،  ع = ۷۰ ،  ف = ۸۰ ،  ص = ۹۰ 
ق = ۱۰۰ ،  ر = ۲۰۰ ،  ش = ۳۰۰ ،  ت = ۴۰۰ 
ث = ۵۰۰ ،  خ = ۶۰۰ ،  ذ = ۷۰۰ 
ض = ۸۰۰ ،  ظ = ۹۰۰ ،  غ = ۱۰۰۰ 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
مندرحۂ بالا تاریخ ( نغمۂ جگر دوز ) کا حساب یوں ہے : اسکے حروف حسبِ ذیل ہیں ؔ 
ن + غ + م + ہ + ج 228 (گ = ک ) + ر + د + و + ز 
نغمۂ = ( ۵۰ + ۱۰۰۰ + ۴۰ + ۵ ) = ۱۰۹۵ 
جگر = ( ۳ + ۲۰ + ۲۰۰ ) = ۲۲۳ 
دوز = ( ۴ + ۶ + ۷ ) = ۱۷ 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
= ۱۳۳۵ 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
امّید کہ تشفّی بخش جواب دے سکا ،،،،، 
آپ کا مخلص 
ناظرؔ
 

بحر رمل

بحر رمل کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں 

اس سے پہلے کہ ہم بحرِ رمل کی مختلف شکلوں پر نظر ڈالیں ضروری ہے کہ اس پر اثر انداز ہونے والے زحاف کو اچھی طرح سے سمجھ لیں ۔ اس بحر پر جن زحاف کا اثر ہوتا ہے وہ پانچ (۵) زحاف ہیں جن کے نام ہیں ۱ ) قصر ۲ ) حذف  ۳) خبن ۴) قطع ۵) شکل جو ایک مرکب زحاف ہے اور دو زحاف پر مشتمل ہے ا ) کف ب) خبن ۔۔۔
اب مختصر طور پر یہ بھی سمجھنا ضروری ہے کہ سببِ خفیف کیا ہے اور وتدِ مجموع کس کو کہتے ہیں ؟ 
سببِ خفیف وہ ہے جس کا پہلا حرف متحرّک ہو اور دوسرا ساکن مثال کے طور پر "فا" 249 "تن" وغیرہ 
وتدِ مجموع وہ ہے جس میں دو سے زیادہ متحرّک حرف ہوں مثال کے طور پر "علن" وغیرہ 
۱) زحاف قصر 
رکن کے آخر میں سببِ خفیف میں سے ساکن حرف کو دور کرنا اور ماقبل کو ساکن کرنا جیسے مفاعیلن میں سے حرف"ن" کو گرانا (دیکھیئے مفاعیلن میں "لن" سببِ خفیف ہے ) اور ماقبل کو ساکن کرنا یعنی "لام" کو ساکن کرنا اس طرح قصر کے زحاف کے اثر سے "مفاعیلن" بدل کر " مفاعیل" جس کا حرفِ ‘ل‘ ساکن ہے ۔۔۔ 
۲) زحاف حذف 
اس کے اثر انداز ہونے سے آخر رکن کے ایک سببِ خفیف کو دور کیا جاتا ہے جیسے فعولن سے "لن" کو دور کیا جائے تو باقی رہے گا "فعو" جس کو "فعَل" بنادیتے ہیں ‘لام‘ پر سکون کے ساتھ اور دوسری مثال لیتے ہیں جیسے  "فاعلاتن " سے "تن" کو دور کر دیا تو باقی رہا "فاعِلا " جس کو ہم "فاعلن" کہتے ہیں ۔۔۔ 
۳ ) زحاف خبن 
رکن کے اول میں سببِ خفیف ہو تو اس کے دوسرے حرف کو گرانا جیسے فاعلن کے سبب۰ خفیف "فا" سے دوسرا حرف گرایا تو " فاعلُن " بدل کر "فَعِلن‘ ہو جائے گا اور جیسے "فاعلاتن" بدل جائے گا " فعِلاتُن " میں ۔۔۔ 
۴) زحاف قطع 
آخر میں وتدِ مجموع ہو تو اس کے آخر حرف کو گرا کر ما قبل کو ساکن کرنا جیسے" فاعلن " میں سے "ن" گرا کر "ل "  کو ساکن کرنے سے " فاعل " رہے گا اس کو "فعلن" بسکونِ " ع " بنا دیتے ہیں ۔۔۔ 
۵) زحاف شکل ۔۔۔ 
یہ مرکب زحاف ہے دو زحاف کا مجموعہ ہے ایک زحاف کف اور دوسرا خبن 
ا) زحاف کف 
یہ زحاف ساتویں ساکن حرف کو دور کرتا ہے جیسے " فاعلاتن " سے ‘ن ‘ گرایا تو باقی رہا " فاعلاتُ " ۔۔ 
ب) زحاف خبن 
رکن کے اول میں سببِ خفیف ہو تو اس کے دوسرے حرف کو گرانا جیسے " فاعلاتُ " میں سے "ا" کو گرایا تو باقی 
رہا " فعِلاتُ "  اس طرح زحاف شکل " فاعلاتُن " کو " فعِلاتُ " بنا دیتا ہے ۔۔۔ 
***** 

اب ہم بحرِ رمل کی اشکال کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں : 
مولوی عبدالحق کی کتاب " قواعدِ اردو " میں اس بحر کی دس شکلیں بتائی گئی ہیں  اور ہم ہر ایک شکل کے بارے میں جاننے کی کوشش کریں گے : 
بحرِ رَمل 
۔۔۔۔۔۔ 
۱) اصل بحر کا وزن ہے " فاعلاتن فاعلاتن فاعلاتن فاعلاتن " 
اور اس کی شاخیں مندرجۂ ذیل ہیں : 
۲ ) بحرِ رمل مقصور 
اس کا وزن ہے " فاعلاتن فاعلاتن فاعلاتن فاعلات " اس کے آخری رکن پر قصر کے زحاف کا اثر ہوا ہے جس کی وجہ سے " فاعلاتن " کے آخری حرف " ن " کو گرا دیا گیا اور ما قبل جو " ت " ہے اس کو ساکن کر دیا گیا ہے ۔ اس کی مثال کے لیئے مندرجۂ ذیل مصرع دیا گیا ہے : 
" اے مسیحا بچ نہیں سکتا ترا بیمار آج " 
تقطیع : اے مسیحا  فاعلاتن ۔ بچ نہیں سک  فاعلاتن ۔ تا ترا بی  فاعلاتن ۔ مار آج  فاعلات 
۳) بحرِ رمل محذوف : 
اس کا وزن ہے ۔ " فاعلاتن فاعلاتن فاعلاتن فاعلن " ۔۔۔ باقی صفحہ رقم ۳ پر دیکھیئے 
اس کے آخری رکن پر زحاف حذف کا اثر ہوا جس کی وجہ سے آخری سببِ خفیف کو دور کر دیا گیا تو "فاعلاتن " میں سے باقی رہا " ٹاعلا " جس کو " فاعلن " بنا دیا گیا اور بحر رمل کی یہ شکل یوں ہو گئی : 
" فاعلاتن فاعلاتن فاعلاتن فاعلن " اور اس کی مثال کے لیئے مندرجۂ ذیل مصرعہ دیا گیا ہے : 
" دل نہ توڑ اے بدگمانی یوں کسی بیمار کا " 
تقطیع : دل نہ توڑے  فاعلاتن ۔ بدگمانی  فاعلاتن ۔ یوں کسی بی  فاعلاتن ۔ ما رکا  فاعلن 
ملاحظہ : یہ سمجھنا ضروری ہے کہ کسی زحاف کو ہم اسی یا ان ہی ارکان پر اثر انداز سمجھنا چاہیئے جیسے کہ ایک بحر کے تعلق سے بتایا گیا ہے اور ہم خود سے اس زحاف کو دوسرے ارکان پر نہیں استعمال  کر سکتے ۔ اور کوئی ایسی اجازتیں جو بحر کی شکل کے تعلق سے بیان نہ کی گئی ہوں خود اپنی عقل سے استعمال کرنا جائز نہیں: 
تسکین اوسط کا قاعدہ یہ ہے کہ اگر مسلسل تین حروف متحرک ہوں تو دوسرے حرف کو ساکن کر دیا  جائے جیسے فَعِلَاتن میں ‘ ف ‘ پر زبر ہے  ‘ ع ‘ کے نیچے زیر ہے اور ‘ ل ‘ پر زبر ہے تو تسکین اوسط کی وجہ سے ‘ ع ‘ کو ساکن کر دیا جاسکتا ہے یعنی " فَعِلاتن " کی " ع " کو ساکن کر کے " فالاتن " کرنے کی اجازت ہے بشرط یہ کہ ایسے استعمال سے ایک بحر دوسری بحر کے وزن میں نہ ہو جائے : 
بحرِ رمل مخبون مقصور : 
اس کا وزن ہے : " فاعلاتن فعلاتن فعِلاتن فعِلات " ۔ بحر کے نام سے یہ ظاہر ہے کہ اصل وزن پر دو زحاف کا اثر ہوا ہے ۔ دوسرے  تیسرے اور چوتھے رکن پر خبن کے اثر کی وجہ سے یہ شکل ہو گی
" فاعلاتن فعلاتن فعِلاتن فعِلاتن " اس کے بعد چوتھے رکن پر قصر کے زحاف کی وجہ سے اس کے حرف "ن " کو دور کرکے ماقبل کو ساکن کرنے سے اس بحر کی شکل یوں ہو جائے گی : 
" فاعِلاتن فعلاتن فعِلاتن فعِلات " جس میں حرف ‘ ت ‘ ساکن ہے : 
اس کے وزن میں مندرجۂ ذیل مصرعہ کی مثال دی گئی ہے : 
" دل ہی پہلو میں نہیں پھر ہے عبث رنج و ملال " 
تقطیع : دل ہی پہلو  فاعلاتن ۔ میں نہیں پھر  فعِلاتن ۔ ہے عبث رن  فعِلاتن ۔ ج و ملال  فعِلات"
ملاحظہ : قواعدِ اردو میں اسکا وزن لکھا ہوا ہے ۔ " فاعلاتن فاعلاتن فعِلاتن فعِلات " پتہ نہیں کون غلط ہے ؟ 
بحرِ رمل مخبون محذوف ۔۔۔ 
صاحبِ کتاب قواعدِ اردو نے لکّھا ہے تما م ارکان مثل بالا یعنی (فاعلاتن فاعلاتن فعِلاتن )  ( فعِلن یا فعلن ) بحرکتِ‘ ع ‘ یا بسکونِ ‘ ع ‘ اور اجازت کے متعلق لکّھا ہے کہ ایک مصرع میں فعِلات اور دوسرے مصرعہ میں فعِلن  بحرکتِ " ع " یا بسکونِ " ع ‘ جائز ہے ۔ اب ہم دیئے ہوے مصرع کو دیکھتے ہیں جس کا وزن ویسا نہیں جیسا کہ اس کا ذکر کیا گیا ہے ۔ " کبھی چمکا نہ ستارہ مری پیشانی کا " اس کا وزن ہے : 
تقطیع : کبھی چمکا  فعِلاتن ۔ نہ ستارہ  فعِلاتن ۔ مری پیشا  فعِلاتن ، نی کا  فعلن 
اب ہم اس بحر کی تشریح کرتے ہیں تو دیکھتے ہیں کہ بحر کے سارے ارکان پر زحاف خبن کا اثر ہوا ہے  تو بحر یہ شکل اختیار کر لیتی ہے " فعِلاتن فعِلاتن فعِلاتن فعِلاتن " 
اس کے بعد زحاف حذف کے اثر سے آخری رکن سے سببِ خفیف تن کو دور کیا تو باقی رہ گیا " فعِلا " جس کو فعِلن بنا دیا جاتا ہے ۔ اس طرح سے ہم اس نتیجہ پر پہنچتے ہیں کہ اس بحر کا وزن ہے 
" فعِلاتن فعِلاتن فعِلاتن فعِلن " اور آخری رکن کے تعلق سے اس بات کی اجازت ہے کہ ایک مصرع میں فعِلات اور دوسرے مصرع میں فعِلن بحرکتِ ‘ ع ‘ یا بسکون ‘ ع ‘ استعمال کرنے کی اجازت ہے ۔۔ 
۶) کتاب میں اس بحر کا نام لکھا ہوا ہے ( بحرِ رمل مخبون مقطوع ’ لیکن اگر زحاف کے استعمال پرغور کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ حذف کا بھی استعمال ہوا ہے ۔ اس لیئے اس کا نام ہونا چاہیئے 
( بحرِ رمل مخبون محذوف مقطوع ) اس بارے میں غور کرتے ہیں ۔ بحر کی اس شکل کا وزن دیا گیاہے ’’ فاعلاتن فعِلاتن فعِلاتن فعلن بسکونِ ‘ ع ‘ اس بحر پر اثر انداز ہونے والے زحاف ہیں خبن 249 حذف
اور قطع ۔ خبن کے اثر سے سوائے پہلے رکن کے سارے ارکان ‘ فاعلاتن ‘ سے بدل کر ‘ ‘ فعِلاتن " ہو گئے اور بحر ہو گئی " فاعلاتن فعِلاتن فعِلاتن فعِلاتن " اور آخری رکن پر حذف کے زحاف سے " تن " دور ہو گا اور رہ جائے گا " فاعلا " اور زحافِ قطع کے اثر سے " فاعِلا " کے آخری حرف کو دور کر دیا جائے گا اور ما قبل کو ساکن ۔ اس طرح بحر کی شکل ہو جائے گی " فاعلاتن فعِلاتن فعِلاتن فعلن " بسکونِ" ع " اس کے سلسلہ میں مصرع دیا گیا ہے ۔ " مرغِ دل پر ہدفِ تیرِ نظر کیا ہو گا " 
تقطیع : مرغِ دل پر  فاعِلاتن ۔ ہدفِ تی  فعِلاتن ۔ رِ نظر کیا  فعِلاتن ۔ ہو گا  فعلن 
اس بحر میں اجازت کا کوئی ذکر نہیں جب کہ اساتذہ کے کلام سے کچھ اور ظاہر ہوتا ہے ۔۔۔ 

۷) بحرِ رمل مشکول مثمّن ۔۔۔ 
اس کا وزن ہے " فعِلاتُ فاعلاتُن فعِلاتُ فاعِلاتُن " 
پہلے اور تیسرے رکن پر زحاف شکل اثر انداز ہوا ہے جس کی وجہ سے رکن کے " فا " کے الف کو اور ساتویں اور آٹھویں حرف کو گرا دینے سے باقی رہتا ہے "فعِلاتُ " اس لیئے اس بحر کو مشکول کہتے ہیں اور مثمن کہنے کی وجہ یہ ہے کہ ہر شعر میں آٹھ رکن ہوتے ہیں ۔۔۔ 
اس کی مثال کے لیئے جو مصرع دیا گیا ہے وہ ہے : 
" ترے تیرِ نیم کش کو کوئی میرے دل سے پوچھے " 
تقطیع : ترے تیر  فعِلاتُ ۔ نیم کش کو  فاعلاتن ۔ کوئی میرے 236 فعِلاتُ ۔ دل سے پوچھے  فاعلاتن ۔۔۔
۸) بحرِ رمل مسدّس مقصور ۔۔۔ 
اس کا وزن ہے " فاعِلاتن فاعِلاتن فاعِلات " لیکن کتاب میں فعِلات لکھا ہوا ہے۔۔۔ 
تیسرے رکن پر قصر کے زحاف کا اثر ہوا جس کا کام یہ ہے کہ رکن کے آخر میں سببِ خفیف میں سے ساکن حرف کو دور اور ما قبل کو ساکن کرے ۔ جب فاعِلاتن سے " ن" کو گرا دیا گیا اور " ت " کو ساکن کر دیا گیا تو " فاعِلات " ہو گیا ۔۔ اس وزن کی مثال میں یہ مصرع دیا گیا ہے : 
" پھر ہوا اس کو مرے دل کا خیال " 
تقطیع : پھر ہوا اس  فاعِلاتن ۔ کو مرے دل  فاعِلاتن ۔ کا خیال  فاعِلات 
۹) بحرِ رمل مسدّس محذوف ۔۔۔ 
اس کا وزن ہے " فاعلاتن فاعلاتن فاعِلُن " 
تیسرے رکن پر زحاف حذف کے اثر انداز ہونے سے "فاعلاتن " میں سے " تن ‘ کو گرا دیا گیا تو باقی رہا " فاعِلا " جس کو ‘ فاعِلن " کر دیا گیا ۔۔۔ 
اس کی مثال کے لیئے مصرع دیا گیا ہے : " میں رقیبِ روسیہ کو کھل گیا " ۔۔۔ 
تقطیع : میں رقیبِِ  فاعِلاتن ۔ روسیہ کو  فاعلاتن ۔ کھل گیا  فاعِلن ۔۔۔ 
اجازت : ایک مصرع میں فاعلات اور دوسرے میں فاعلن لانا درست ہے ۔۔۔ 

۱۰) بحرِ رمل مسدس مخبون مقطوع یا محذوف ۔۔۔ 
اس کا وزن ہے " فاعلاتن فعلاتن  ( فعِلات یا فالات ) بحرکتِ " ع " یا بسکونِ ‘ ع ‘ خبن کی وجہ سے دوسرے اور تیسرے رکن میں الف کو گرایا تو بحر یوں ہو گئی 
"فاعلاتن فعِلاتن فعلاتن " اور قطع کے زحاف سے آخری رکن سے " ن " گرا کر ماقبل کو ساکن کرنے سے بحر کی حالت یوں ہو گی : " فاعلاتن فعِلاتن فعِلات ۔۔۔ 
اجازت : آخری رکن کو فعِلات بحرکتِ " ع ‘ یا " فالات " بسکونِ " ع " 
اس کی مثال کے لیئے یہ مصرع دیا گیا ہے " لوگ نالہ کو رسا باندھتے ہیں " 
تقطیع : لوگ نالہ ۔ فاعلاتن ۔ کورسا با ۔ فعِلاتن ۔ ندتے ہیں ۔ فعِلات 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مرحوم عبد اللہ ناظر کی اجازت اور سلیم باشوار کے تشکر کے ساتھ
ماخذ: سلیم باشوار کی مہیا کردہ فائلیں اور 
http://abdullahnazir.com