﻿



مغنی تبسم کی یاد میں 






مصحف اقبال توصیفی 


	






اور پھر وہ دن آ ہی گیا جس سے ہم خائف تھے۔پندرہ فروری کی وہ ایک اداس شام تھی۔ میں نے فاطمہ بھابی (بیگم عوض سعید جو مغنی کی بہن بھی ہیں) کو فون کیا کہ مجھے اسپتال آنے میں تھوڑا وقت لگے گا ۔ گھر میں فرش گردو غبار سے اٹا پڑا ہے۔ پلمبنگ کا کام ابھی ختم ہوا ہے۔ اس وقت ساڑے پانچ کا عمل تھا۔ میں نے پوچھا مغنی اب کیسے ہیں؟ انہوں نے رندھی ہوئی آواز میں کہا ’’ بھائی اب نہیں رہے۔ ابھی سوا پانچ بجے اُن کا انتقال ہو گیا ۔ میں دوا خانے جا رہی ہوں‘‘۔ میں اسی وقت کئیر ہاسپٹل کے لیے نکل پڑا۔ وہاں مغنی صاحب کو MICU سے کمرہ نمبر 601 میں منتقل کیا جا چکا تھا۔ مغنی صاحب کے دنوں بیٹے محتشم نوید اور معتصم نجیب جو امریکہ سے اسی صبح پہنچے تھے ۔ بیٹی دینا، فاطمہ بھابی اور دیگر اعزّا غم کی تصویر بنے کھڑے تھے ۔ مغنی لیٹے ہوئے تھے۔ ان کہ چہرے پر ایسا سکون تھا جو بیماری کے دوران گھر پر یا پچھلے چند دنوں میں جب سے وہ دوا خانے میں شریک تھے ، میں نے کبھی نہیں دیکھا۔ گویا وہ بھی ہماری طرح اس دن کے منتظر تھے لیکن ہماری طرح خائف نہیں۔ بہت مطمئن اور آسودہ جیسے انہیں کہیں جانا تھا اور اب وہاں پہنچ گئے ہوں۔اور یہ بات میں رسماً نہیں کہہ رہا ہوں۔ 

مغنی صاحب پچھلے دو ڈھائی سال سے اپنی بیماری کے سبب گھر میں قید ہو کر رہ گئے تھے۔ اِدھر پچھلے چند مہینوں میں اُنہیںPROSTATE اور پھیپڑوں کے متاثر ہونے کے سبب کئی بار دوا خانے جانا، وہاں رہنا پڑا لیکن وہ گھر لوٹ کر پھر ’’ شعر و حکمت‘‘ اور اپنے لکھنے پڑھنے کے کاموں میں یوں مشغول ہو جاتے جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔ نجیب اور نوید کے علاوہ لندن اور امریکہ سے ان کی بہنیں آتی جاتیں۔ حیدرآباد میں فاطمہ بھابی اور دوسری بہنیں ان کی ہر ممکن دلجوئی کرتیں۔ دوا خانے کے علاوہ گھر پر بھی اُن کے علاج کی ساری ذمہ داری اُن کے بھانجے ڈاکٹر اشفاق نے اپنے ذمے لے لی تھی۔ گھر پر وہ تنہا رہتے تو ایک نرس ایشوری ان کی مسلسل دیکھ بھال کرتی۔ یہ انیس، بیس سال کی لڑکی جس کی تعلیم اور دوسری ضروریات کی کفالت مغنی صاحب نے یوں اپنے سر لے رکھی تھی جیسے  وہ بھی اُن ہی کی بیٹی ہو۔ وہ ان کا بہت خیال رکھتی ۔ راتوں میں بار بار پیشاب کے لیے چھڑی کے سہارے اُٹھنا مغنی صاحب کے لیے عجیب مصیبت تھی، ایک صوفے نما کرسی جو بستر کا کام بھی دے سکے، آخری ایّام میں اسی پر سوتے جاگتے انہوں نے نہ جانے کتنی راتیں گزار دیں۔

مغنی صاحب تنہا رہتے تھے۔ گھر پر ان سے ملنے آخری بار، اُن کے انتقال سے کچھ دن پہلے میں اور سید خالد قادری گئے تھے، راستے میں خالد صاحب نے مڈیکل آلات کی دوکان سے مغنی صاحب کے لیے ایک ایسا اپیرٹس خریدا جس کی مدد سے وہ پیشاب کے لیے رات کو بار بار اُٹھنے کی زحمت سے بچ سکیں ۔ ہم اُن کے گھر پہنچے تو وہ غسل خانے میں تھے۔ شاید اسی عارضے کے سبب نہانا اس وقت ان کے لیے ضروری ہو گیا تھا باہر نکلے تو ان کی حالت بہت غیر تھی۔ سانس لینے میں دشواری ہو رہی تھی۔ ہم بہت دیر بیٹھے رہے ۔ باتوں کے دوران مغنی صاحب کی طبیعت ذرا سنبھلی تھی۔ کچھ خوش طبعی بھی عود کر آئی تھی۔ لیکن حالت پچھلے کئی دنوں کے مقابلے میں خراب تھی۔ ہم وہاں سے اُٹھے تو ہمارے دل بیٹھے ہوئے تھے۔ مغنی صاحب کی صحت کے بارے میں ہماری تشویش اب اور بڑھ گئی تھی۔ دوسرے دن سنا مجتبیٰ حیسن، علی ظہیر اور قدیر زماں ان کی عیادت کے لیے اُن کے گھر گئے اور یہ لوگ نکل رہے تھے کہ مضطر مجاز اور ضیاء الدین شکیب وہاں پہنچ گئے۔ ہم سب گاہے گاہے مغنی صاحب سے ملنے اُن کے گھر جاتے تاکہ ان کی تنہائی کچھ کم ہو۔ ایسے موضوعات چھیڑتے جن سے مغنی صاحب کو دلچسپی ہو اور وہ گفتگو میں زیادہ سے زیادہ حصہ لے سکیں۔ مجتبٰی حسین اکثر آتے اور جب جب آتے تو ان کی زندہ دلی، لطیفوں اور قہقہوں سے ماحول میں بڑی خوشگوار تبدیلی آجاتی ۔ لیکن یہ ملاقاتیں زیادہ دنوں تک قائم نہ رہ سکیں۔ کچھ ہی دنوں بعد معلوم ہوا مغنی صاحب کی صحت اس قدر بگڑ گئی کہ اُن کے آخری سفر کے لیے انہیں دوا خانے منتقل کرنا پڑا۔ 

اسپتال میں مغنی صاحب کُل چھیَ دن رہ سکے۔ انہوں نے 15 فروری کو آخری سانس لی۔ تیرہ فروری کو شہر یار داغ مفارقت دے چکے تھے ۔ مغنی صاحب کے انتقال سے چند ہفتے پہلے اور وہ بھی محض اتفاقاً ہمیں علم ہو سکا کہ انہیں کینسر ہو گیا ہے۔ تنفس کی شکایت سے سب واقف تھے۔ وقفے وقفے سے آکسیجن ماسک لگانی پڑتی تھی۔ یورین انفکشن الگ۔ لیکن کینسر ؟ ۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ اب کینسر Prostate  سے پھیپڑوں تک پھیل چکا ہے۔ دونوں گردے فیل ہو چکے تھے۔ شہر یار اور مغنی دونوں کا انتقال کینسر کے جان لیوا مرض سے ہوا ۔ ایک ہی سال، ایک ہی مہینہ ، محض دو دنوں کے فرق سے، زندگی میں تو شہر یار اور مغنی ایک نامعلوم رشتے میں بندھ گئے تھے۔ وہ کہیں بھی ہوں خط اور فون کے ذریعے انہوں نے ہمیشہ ایک دوسرے سے ربط قائم رکھا۔ لیکن یہ کیسی دوستی تھی کہ نہ صرف زندگی بلکہ آخرت کا سفر بھی انہوں نے ساتھ طئے کرنا چاہا۔ 

شہر یار اور مغنی تبسم اب نہیں رہے لیکن ’’ شعر و حکمت‘‘ کی فائلیں لائبریریوں یا ہماری الماریوں میں ہمیں ان کی رفاقت کی یاد دلاتی رہیں گی ۔ ’’شعر و حکمت‘‘ کا پہلا شمارہ 1970ء کے اوائل میں شائع ہوا ۔ پہلے شمارے ہی میں اس وقت کے سارے اہم نقاد، ادیبوں اور شاعروں کی تخلیقات اس رسالے کی زینت تھیں، چند رکاوٹوں اور وقفوں کے باوجود اُن دونوں نے یہ رسالہ دمِ آخر تک اپنی سخت علالت کے درمیان بھی جاری رکھا ۔ کئی اہم نمبر جن کی اہمیت دستاویزی ہو سکتی ہے جیسے ن ۔ م۔ راشد نمبر جس کے لیے مغنی اور شہر یار نے انتھک کوششوں کے بعد کئی اہم لکھنے والوں سے راشد کے بارے میں مضامین لکھوائے۔ راشد کی چند نایاب تحریریں اور تقریریں، راشد کی تین نظموں پر تجزیاتی مضامین، اور ان سب کے علاوہ راشد کی کئی غیر مطبوعہ نظمیں اس شمارے میں شامل تھیں۔ ’’ شعر و حکمت‘‘ کے اس خصوصی شمارے کے بعد راشد پر کئی رسائل کی خصوصی اشاعتیں منظر عام پر آئیں ، لیکن ’’ شعر و حکمت‘‘ کے ن۔ م۔ راشد نمبر کی انفرادیت اور اہمیت اپنی جگہ ہے۔ ’’ شعر و حکمت‘‘ میں میراجی، مخدوم ، جذبی ،اور کئی اہم ادیبوں ، شاعروں کے گوشے بھی شائع ہوئے جن سے ہمیں ان شخصیتوں کا مکمل تعارف حاصل ہو سکا۔ اس کا پہلا شمارہ ہی دیکھ کر راشد اور کئی سینئر مشاہیر اہلِ قلم نے مغنی اور شہر یار کی ان کاوشوں کو سراہا اور انہیں جی کھول کر داد دی۔

مغنی اپنے سبھی دوستوں پر جان چھڑکتے تھے، چاہے وہ ان سے عمر میں چھوٹے ہوں یا بڑے۔ اُن کی مقبولیت اور ہر دلعزیزی ایسی تھی کہ میں  اپنے شہر یا ملک کے باہر جاؤں ، حیدرآباد کے حوالے سے لوگ مغنی صاحب کے بارے میں ضرور پوچھتے۔ کراچی میں مشتاق احمد یوسفی ہوں، اسلم فرخی، یا آصف فرخی، ناصر بغدادی ہوں یا احمد ہمیش ۔ لاہور میں وزیر آغا یا انور سدید سے فون پر بات ہو یا ہیوسٹن میں احمد مشتاق سے ملوں، مغنی کا ذکر ضرور آتا۔ ہندوستان میں دہلی ، لکھنو، الہ آباد، علی گڑھ ، پٹنہ ، بمبئی ہر جگہ ان کے احباب ان کی علالت کے بارے میں فکر مند رہتے۔ فون پر اُن سے بات کرتے ۔ یہ نہ ہو سکے تو کسی اور سے ان کی خیریت معلوم کر لیتے ، گوپی چند نارنگ، شمیم حنفی ، زبیر رضوی، شمس الرحمٰن فاروقی، اکثر حیدرآباد آتے اور جب جب آتے مغنی صاحب سے ملاقات ان کے پروگرام میں ضرور شامل ہوتی۔ جب تک ان کی صحت اچھی رہی جو ادبی شخصیت حیدرآباد وارد ہوتی مغنی صاحب ادارے میں اس کے اعزاز میں جلسے کا اہتمام کرتے۔ وہ جس تہذیب کے پروردہ تھے اس کے اخلاق اور اس کے تربیت یافتہ افراد کی شرافت اور کردار کے رکھ رکھاؤ کی مثالیں اب کم ملیں گی۔ آپ ان سے ملنے جائیں اُن کے جنبشِ لب یا کسی اشارے کے بغیر چائے آپ کے لیے آ جائے گی۔ وہ اگر کھانا کھا رہے ہوں تو اصرار کریں گے کہ آپ ان کا ساتھ ضرور دیں۔ اگر بیماری کے سبب کوئی آزار ہو یا وہ اس وقت کسی ذہنی یا جذباتی صدمے سے دوچار ہوں تو اس کے آثار آپ کو ان کے چہرے پر کہیں نظر نہیں آئیں گے۔ خود بہت کم بولیں گے لیکن آپ کی باتیں نہایت توجہ اور انہماک سے سنتے رہیں گے۔ 

مغنی صاحب نے حیدرآباد کی جس ادبی فضا میں آنکھ کھولی، وہ شاید حیدرآباد کی ادبی تاریخ کا سب سے زرّین دور تھا۔ علامہ حیرت بدایونی ، ڈاکٹر زور، مخدوم، راج بہادر گوڑ ، عابد علی خاں، محبوب حسین جگر، ابراہیم جلیس ، سلیمان اریب، خورشید احمد جامی، علم و ادب اور صحافت کے ایسے درخشاں ستارے تھے جن سے حیدرآباد کی ادبی فضاء جگمگا رہی تھی۔ اریب کا دفتر ۱۷۔ مجرّد گاہ جہاں مخدوم اور شاہد صدیقی تو کبھی کبھار آتے لیکن شاذ تمکنت ، عوض سعید ، انور معظم، وحید اختر، زبیر رضوی عزیز قیسی ، ابن احمد تاب اور کئی ادیب شاعر ایسے تھے جن کے لیے یہ دفتر گھر کی طرح تھا ۔ دن رات میں جس وقت جب چاہتے آتے جاتے، گھنٹوں بیٹھے رہتے ۔ ڈاک دیکھی جا رہی ہے، باتیں، چائے، تنقید ، بحثیں۔ ادب ان کا اوڑھنا بچھونا تھا۔ چند عارضی ملازمتوں کے سبب کم کم سہی لیکن مغنی ان صحبتوں کا حصہ رہے ۔ میں نے اورینٹ ہوٹل کی وہ شامیں دیکھی ہیں، جہاں ان میں سے بیش تر لوگوں کے علاوہ کچھ اور لوگ جیسے خورشید احمد جامی، عالم خوندمیری ، اقبال متین، اختر حسن، حسن عسکری ، مجتبٰی حسین ، سعید بن محمد نقش، کنول پرشاد کنول، اظہر خورشید ، سرینواس لاہوٹی، راشد آزر، الغرض سبھی ادیب، شاعر، صحافی، مصور، سیاستداں روز جمع ہوتے۔ حیدرآباد کے اس ماحول اور اپنے اپنے علمی، ادبی شغف نے ان سب لوگوں کے وژن اور صلاحیتوں کے پروان چڑھنے میں غیر معمولی رول ادا کیا۔ پھر لوگ بکھر گئے، بہت پہلے زبیر رضوی اور پھر بعد میں مجتبٰی حسین دہلی کے ہو کر رہ گئے۔ عزیز قیسی بمبئی سدھارے، وحید اختر نے علی گڈھ میں اپنا ٹھکانہ بنا لیا۔ جو لوگ حیدرآباد میں رہ گئے اُن کی دوسری مصروفیتوں نے انہیں گھیر لیا لیکن جوانی کے دنوں کی ملاقاتوں ، محبتوں اور خلوص نے دوستی کے ایسے رشتے کو جنم دیا جسے مغنی اور یہ سب لوگ عمر بھر نباہتے رہے۔ 

مغنی صاحب کی نگاہ نہایت باریک بین تھی ، اور وہ ادب کی ہر صورت حال سے باخبر رہنے کے لیے کوشاں رہتے تھے۔ ’’شعر و حکمت‘‘ کے اداریئے ان کی ذہنی کشادگی، مطالعے کی وسعت اور ادب کی مختلف تحریکوں سے ان کی واقفیت کے ضامن ہیں۔ ’’ شعر و حکمت‘‘ کے لیے نئی انگریزی اور اردو شاعری کے بارے میں اُنہوں نے کئی لوگوں سے مضامین لکھوائے اور خود بھی لکھے، اس کے علاوہ وہ اور شہر یار ، یورپی اور ہندوستان کی دوسری زبانوں کی تخلیقات کے مطالعات اور تراجم حاصل کرنے کے لیے خاص محنت کرتے ۔ مغنی ہمہ وقت ادیب تو تھے ہی، میں نے اُن میں جوہر شناسی کا ایسا وصف دیکھا جو یونیورسٹیوں کے دوسرے اساتذۂ ادب میں شاید نظر نہ آئے ۔ اپنے کئی با صلاحیت شاگردوں جیسے سلیمان اطہر جاوید، بیگ احساس ، رحمت یوسف زئی، اکبر علی بیگ ، کے علاوہ  وہ اپنے قریبی دوستوں میں بھی کوئی ایسی صفت پاتے جس سے ان کے خیال میں علم و ادب کے میدان میں کچھ نئے خیالات ، نئے گوشے، نئے زاویئے راہ پا سکیں تو وہ بہ اصرار اُن سے لکھنے کے لیے کہتے ۔ بہت سامنے کی مثال سید خالد قادری کی ہے جن کی لا ابالی فطرت کے باوجود مغنی نے ان سے تھیوری کے موضوعات  پر متواتر مضامین لکھوائے اور انہیں نمایاں طور پر اپنے رسالے میں شائع کیا۔ وہ سید خالد قادری کو بے حد عزیز رکھتے تھے۔ موجودہ حیدرآباد میں اقبال متین، مجتبٰی حسین، انور معظم، قدیر زماں، راشد آزر، عزیز آرٹسٹ ،علی ظہیر۔یہ وہ لوگ ہیں جو مختلف ادوار میں ان کے بہت قریب رہے ہیں۔ اس فہرست میں میرا نام بھی آتا ہے۔ مغنی نے میرے پہلے مجموعے ’’ فائزا‘‘ کا  ٹائٹل بنایا، اس کی طباعت خود کروائی۔ میری شاعری پر مضامین پڑھے ، تبصرے لکھے، بلکہ یہی نہیں اپنی کتاب ’’ پہلی کرن کا بوجھ‘‘ کی رسم اجرائی میرے ہاتھوں کروا کے میری عزت افزائی کی۔ 

’’شعر و حکمت ‘‘ کے علاوہ مغنی صاحب نے ایک طویل عرصے تک ’’ سب رس‘‘ کی ادارت کے فرائض بھی انجام دیئے۔ ڈاکٹر زور کی وفات کے بعد ادارۂ ادبیات اردو کی بقا اور اس رسالے کے کردار کو برقرار رکھنے میں نہ صرف یہ کہ انہوں نے نہایت اہم رول ادا کیا بلکہ اُن کی تنظیمی صلاحیتوں کے سبب ادارے کی کارکردگی بہتر ہو سکی۔ ’’ سب رس‘‘ کی اشاعت میں باقاعدگی پیدا ہوئی اور اس کی ترتیب و تہذیب میں ایک نیا سلیقہ نظر آیا ۔ ادارے پر ایک وقت ایسا بھی گزرا کہ مالیہ کی کمی کے سبب ادارہ اور اس کا آرگن ’’ سب رس‘‘ سخت مشکلات میں گِھر گئے۔ اس وقت مغنی نے احباب اور ’’ سب رس‘‘ کے خریداروں کا تعاون حاصل کیا لیکن اخراجات کی بڑی ذمہ داری خود قبول کی اور اپنی جیب سے کئی ماہ تک ادارے کے ملازمین کی تنخواہیں ادا کیں۔ وہ اپنے ان عزیزوں دوستوں کی مدد بھی اسی طرح کرتے جنہیں اچانک کسی خطیر رقم کی ضرورت پڑ جائے ۔ لیکن اپنی دوسری خوبیوں کی طرح اس خوبی کو بھی اس طرح چھپاتے جیسے لوگ اپنی برائیاں چھپاتے ہیں۔ 

مغنی صاحب سے میری ملاقات ساٹھ کی دہائی سے ہے جب میں نے لکھنا شروع کیا، میں نے مغنی صاحب کو ہر عالم، ہر رنگ میں دیکھا ہے۔ جلسوں میں سوٹ پہنے، مائک تھامے، رُک رُک کر سپاٹ لہجے میں لیکن ، ذہانت کے ساتھ کوئی ایسا نکتہ چھیڑتے ہوئے جس پر ان سے پہلے کئی جادو بیان مقررین کی نگاہ تک رسائی نہ ہو سکی ہو۔ گھروں میں، ہوٹلوں میں، بار میں، کبھی آدھی رات کے بعد جب ساری دوکانیں بازار، بار بند ہو جاتے عوض سعید اور شاذ کے ہمراہ میں بھی دیسی شراب کے اڈّوں پر ریت اور سمنٹ کی بوریوں پر اُن کے ساتھ بیٹھا ہوں۔ ان کے ساتھ شراب نہیں پی لیکن گانجے کے سگریٹ پئے ہیں۔ شاذ کے یہ کہنے پر کہ پیارے اس وقت مغنی کو سواری کہاں ملے گی اپنی اسکوٹر پر انہیں اُن کے گھر تک چھوڑا ہے ۔ یہ وہ زمانہ ہے جب مغنی کی دوسری شادی نہیں ہوئی تھی اور اُن کی ازدواجی زندگی ایک نہایت نازک موڑ اختیار کر چکی تھی۔ 

مغنی صاحب نہایت شائستہ اخلاق کے حامل، مہذب ، کم آمیز، سنجیدہ ، کاروبار زندگی کے معاملات میں دور اندیش اور ہر کام بہت ٹھہر ٹھہر کر قرینے سے کرنے کے عادی تھے۔ لیکن ان دبیز پردوں کے پیچھے وہ ایک نہایت بے چین روح کے مالک تھے ۔ کبھی کبھار کچھ ایسی حرکتیں ان سے سر زد ہو جاتیں جو ان کی فطرت کے عین خلاف لگتیں۔ حالانکہ یہ ایک ہی سکّے کے دو رُخ ہوتے۔ ایک بار مجھ سے محض اس بات پر ناراض ہو گئے کہ ایک میوزک کنسرٹ میں اوم پرکاش نرمل (نرمل جی) کے ایک دوست کی بیٹی میرے پاس بیٹھی تھی۔ باتیں کرتے کرتے اس کا سر میرے کاندھے سے ٹکرا گیا۔ اس میں نہ میرا کوئی قصور تھا نہ مغنی کا، وہ چاہتے ہوں گے کہ اس وقت اس لڑکی کا سر اُن کے کاندھے پر ہو۔ یہ محض ان کی حسن پرستی تھی اور اُن دنوں وہ بہت تنہا تھے۔ مغنی اندر سے بہت جذباتی تھے۔ کبھی کبھی تو بے وجہ کسی کو چاہنے لگتے تو ٹوٹ کر چاہتے۔ کسی کا کوئی شعر پسند آ جاتا تو بے خود ہو جاتے۔ ایک کمزور لمحے میں مجھے شاذ سے بہتر شاعر کہہ دیا جس پر شاذ سے ہزار اختلافات اور رنجشوں کے باوجود وحید اختر برہم ہو گئے بلکہ عوض کے نام علی گڈھ سے ایک خط میں اس کا ذکر بھی کر دیا (’’کلیات عوض سعید‘‘ ص:239 ) ۔ ایسے ہی کسی اور کمزور لمحے میں شاذ کو فیض پر فوقیت دے دی۔ ’’ تلافی کی بھی ظالم نے تو کیا کی‘‘ ۔ لیکن وہ تنقید لکھتے تو اس میں ایسی بے راہ روی کو راہ نہیں پانے دیتے ۔ قلم دوات لے کر بیٹھتے تو بہت سنبھل کر لکھتے ۔ ایک دلچسپ واقعہ سناؤں ۔ ایک رات بہت دیر گئے ہم لوٹ رہے تھے دو سائیکل رکشا میں۔ مغنی اور شاذ ایک رکشا میں بیٹھے تھے۔ میں اور عوض آگے آگے دوسرے رکشا میں ۔ اچانک مغنی کو کیا سوجھی ، رکشا والے سے کہا ’’ اترو‘‘ اُسے شاذ کے ساتھ بٹھایا اور خود رکشا چلانے لگے ، رکشا راں غریب آدمی سکڑا سکڑا سمٹا سمٹایا شاذ کے پہلو میں بیٹھا تھا۔ میں اور عوض حیرت سے پیچھے مڑ کر دیکھ رہے تھے۔ شاذ ہنس رہے تھے اور مغنی کوٹ پتلون پہنے ٹائی لگائے رکشا کھینچ رہے تھے۔ مغنی سے کچھ بھی بعید نہ تھا۔ ’’ شعر و حکمت‘‘ کے لیے عالم خوندمیری سے کوئی مضمون لکھوانا تھا ۔ یہ کوئی آسان کام نہ تھا ۔ عالم صاحب ایک بار اُن کے گھر آئے تو مغنی نے کچھ دوستوں کی مدد سے انہیں کاغذ قلم دے کر ایک کمرے میں بند کر دیا اور کہا جب تک آپ یہ مضمون نہیں لکھیں گے کمرے سے باہر نہیں آ سکتے۔ عالم صاحب آدھے گھنٹے میں ایک نہایت عمدہ مضمون لکھ کر کمرے سے باہر آ گئے۔ 

اپنی شدید بیماری کے دنوں میں بھی میں نے مغنی صاحب کو کبھی حرفِ شکایت زبان پر لاتے ہوئے نہیں دیکھا۔’کچھ رنج دل میرؔ جوانی میں کھنچا تھا‘ سو اس کی زردی اُن کے رخسار سے کبھی نہ جا سکی۔ بڑھتی عمر کے ساتھ مغنی میں صبر و تحمل کی ایسی صفت پیدا ہو گئی تھی کہ حیرت ہوتی وہ کس مٹی کے بنے ہوئے ہیں۔ انہیں غصہ بہت کم آتا لیکن آتا تو بہت شدید۔ ایک بار اپنے ایک نہایت عزیز شاگرد پر بری طرح برس پڑے اور کئی لوگوں کی موجودگی میں نہ جانے کیا کیا کہہ گئے۔ بعد میں ان کے اس شاگرد نے اُنہیں منا لیا۔ جلد یا بدیر وہ مَن جاتے تھے۔ قدیر زماں سے ان کی دوستی بہت پرانی ہے۔ کئی بار اُن سے ناراض رہے لیکن شاگردوں کی طرح نہیں۔ میل ملاپ ہو گیا۔ احباب کے مراتب کا خیال رکھتے ۔ کوئی محبت سے ملتا رہے تو سب کچھ بھلا دیتے ۔ کسی کے ماتھے پر ٹھنڈا پسینہ نظر آئے تو اسے معاف کر دیتے، چاہے وہ آئینے میں ان کا اپنا چہرہ ہی کیوں نہ ہو۔ 

مغنی صاحب کی شخصیت بڑی پہلو دار تھی اس لیے اس میں بڑا تضاد نظر آتا تھا۔ جیسے آپ کسی OCTAGONAL طرز کی شئے کو گھمائیں اور اس کے مخالف اضلاع کو ایکسرے نگاہوں سے دیکھیں۔ لیکن مغنی کی شخصیت دو لخت یا بے ربط نہیں تھی۔ مغنی کی شخصیت کے بظاہر متضاد پہلوؤں میں ایک باہمی ربط تھا۔ ممکن ہے بعض اوقات بعض حالات میں کچھ لوگوں کو مغنی بے رحم اور سفاک نظر آئیں لیکن مغنی ایسے نہیں تھے۔ نرمی، شفقت اور محبتوں کا ایک دریا جو اُن کے اندر موجزن تھا، مغنی کے ذرا قریب بیٹھنے والے اپنے شانے کو چھوتی ہوئی ہواؤں میں اس دریا سے اٹھنے والی موجوں کی نمی بہ آسانی محسوس کر سکتے تھے۔ دو بیٹوں اور ایک بیٹی کی پیدائش کے بعد انہوں نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دے دی۔ کسی نے پوچھا آپ نے ایسا کیوں کیا تو بولے وہ کھانا اچھا نہیں پکاتی تھیں۔ بات بظاہر مضحکہ خیز لگتی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ بس اس زنجیر کی ایک کڑی تھی جسے مغنی توڑ دینا چاہتے تھے۔ اُن دونوں کے مزاج میں شدید اختلاف تھا۔ یہ مغنی کی رحم دلی تھی خود اپنے ساتھ اور اپنی بیوی کے ساتھ کہ وہ دونوں عمر بھر ایک دوسرے کو مستقل اذیت دینے سے محفوظ رہ سکے ۔ لیکن یہ قدم اٹھانے سے پہلے مغنی کو خود اپنے اوپر جو ستم ڈھانے پڑے اس کی داستان الگ ہے ازدواجی رشتے کے تقدس اور اس کی اہمیت کا انہیں کس قدر احساس تھا اس کا اندازہ ہم اس سے لگا سکتے ہیں کہ جب انھوں نے دوسری شادی کی، اپنی ایک طالبہ ناز صدیقی سے جو عمر میں ان سے پندرہ، بیس برس چھوٹی تھیں تو شراب چھوڑ دی، نمازیں پڑھنے لگے، انہیں بے حد چاہا، خوش رہنے لگے لیکن ان کی خوشیوں کا یہ عرصہ بہت مختصر تھا، ’خلل پذیر ہوا ربط ِ مہرو ماہ میں وقت‘۔ شادی کے کچھ ہی برسوں بعد ان کی اس دوسری بیوی کا انتقال ہو گیا۔ پھر مغنی نے شادی نہیں کی۔ اس کے بعد مغنی تیس برس زندہ رہے۔ جدائی کی اس طویل مدت میں مغنی کی ذات سے کچھ باتیں کچھ قصے بھی منسوب کئے گئے لیکن ان کی حیثیت محض افسانوی ہے اور اگر کچھ حقیقت ہو بھی تو ہم اسے مغنی کی لغزشِ مستانہ  سے تعبیر کرسکتے ہیں کہ 

اٹھے کبھی گھبرا کے تو میخانے کو ہو آئے 
پی آئے تو پھر بیٹھ رہے یادِ خدا میں 

اپنی شریک حیات کو سپرد ِ خاک کر کے مغنی نے اس قبر کے برابر اپنی قبر کھدوائی اور اس طویل جدائی کے بعد وہیں خود بھی آسودۂ خاک ہو گئے مجھے مارکوئیز کے ناول LOVE IN THE TIME OF CHOLERA کا مرکزی کردار FLORENTO ARIZA  یاد آتا ہے جسے اپنے محبوب کی قربت اس وقت میسر آئی جب ا س کی  عمر بھی ستّر برس سے تجاوز کر چکی تھی۔ لیکن ARIZA  کے برخلاف مغنی کی اپنے محبوب سے یکجائی زندگی کی نہیں بلکہ موت کی دین تھی۔ وہاں زندگی تھی تو یہاں موت، کبھی کبھی موت اور زندگی، کہانی اور حقیقت آپس میں اس طرح گڈمڈ ہو جاتے ہیں کہ انہیں الگ الگ دیکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ 

جہاں تک مغنی صاحب کی ادبی خدمات یا ادب میں ان کے CONTRIBUTION کا سوال ہے، میرے خیال میں رسائل کی ادارت یا تنظیمی صلاحیتوں سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ مغنی ایک اچھے شاعر تھے اور نقاد بھی۔ اس خصوصیت کے حامل کئی اور نام بھی ہیں لیکن مغنی ان چند لوگوں میں شامل ہیں جنھوں نے تنقید اور شاعری دونوں کو ترازو کے دو پلڑوں میں اس طرح رکھا کہ یہ دونوں ہی ہم پلّہ رہے۔ میراجی کو نفسیاتی تنقید کا مورث کہا جاتا ہے۔ لسانی اور اسلوبیاتی تنقید میں مغنی کو یہ مقام حاصل نہیں۔ ان سے پہلے مسعود حسین خان کا نام آتا ہے لیکن مغنی نے جو کام کیا ہے خاص طور پر فانی پر انھوں نے کتابی صورت میں جو مقالہ تحریر کیا، ہر اہل ِ نظر نے اس کی داد دی۔ ’’بازیافت‘‘ (1969ء)، ’’آواز اور آدمی‘‘ (1983) ’’لفظوں سے آگے ‘‘ (1993) ’’بساطِ نقد‘‘ (2003) مغنی کے تنقیدی مضامین کے مجموعے ہیں۔ ان کے شعری مجموعے ’’نوائے تلخ‘‘ (1946) ’’پہلی کرن کا بوجھ ‘‘ (1980ء) ’’مٹی مٹی میرا دل‘‘ (1991) اور ’’درد کے خیمے کے آس پاس‘‘ (2002) پڑھیں تو یہ فیصلہ دشوار ہو جاتا ہے کہ وہ شاعر زیادہ اچھے تھے یا نقاد، مغنی کی غزل کا لہجہ کلاسیکی ہے جب کہ نظم کے میدان میں وہ حلقے کے کاروان میں شامل نظر آتے ہیں۔ فن ِ انشاء اور علم عروض میں غیر معمولی مہارت کے باوجود انھوں نے روایتی طرز کی شاعری نہیں کی۔ اپنی کلاسیکی روایات سے استفادہ تو کیا لیکن اردو زبان و ادب کے ساتھ مغرب کی  ادبی تحریکوں اور رجحانات سے بھی استفادہ کرتے ہوئے اپنے عصر کی روح کو سمجھنے کی کوشش کی اور زندہ ادب تخلیق کیا۔ 

مغنی صاحب کی شاعری اور تنقید کے بارے میں یہ چند جملے میں نے اس خیال سے لکھ دیئے کہ ان کی شخصیت کا پس منظر کچھ روشن ہوسکے۔ اصلاً اس تحریر کا مقصد مغنی کی شخصیت کے ان چند پہلوؤں کو اجاگر کرنا تھا جنھیں میں قریب سے دیکھ سکا۔ ان کی تنقید نگاری پر تبصرہ  یا ان کی شاعری کا تفصیلی محاکمہ نہیں۔ اور میں اس کا اہل بھی نہیں۔ ’’پہلی کرن کا بوجھ‘‘ کی شاعری پر ایک تشنہ مضمون البتہ میں سپرد قلم کر چکا ہوں۔ لیکن ان کی شاعری اور تنقید نگاری کے بارے میں کئی مجھ سے بہتر لکھنے والوں نے بہت اچھے مضامین لکھے ہیں جو ’’نذرِ مغنی تبسم‘ ‘ (2000) میں شامل ہیں۔ یہ کتاب جشن ِ مغنی تبسم کی تقاریب کے ضمن میں سلیمان اطہر جاوید نے نہایت محنت، توجہ اور لگن کے ساتھ ترتیب دی تھی۔ یہ کتاب مغنی کی شخصیت  کے کئی پہلوؤں کے علاوہ ان کے فن کا تفصیلی جائزہ بھی پیش کرتی ہے۔ 

کچھ لوگ کہیں گے مغنی میں کئی خامیاں، کوتاہیاں بھی تھیں۔ ہوں گی مجھے اُن سے غرض نہیں۔ میں نے مغنی کو کسی فرشتے کے روپ میں نہیں دیکھا۔ اور میں سمجھ سکتا ہوں ایسے ہی لوگوں کو دیکھ کر حالی نے کہا ہو گا ’فرشتے سے بہتر ہے انسان بننا ‘ ۔ مجھے تو اس وقت مغنی کی ہزاروں خوبیوں اور اُن کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات نے اپنے گھیرے میں لے رکھا ہے۔ باتیں اور بھی ہیں لیکن اس تحریر کو اختتام تک پہنچانا ہے۔ یوں بھی ’’ وقت کوتاہ و قصہ طولانی‘‘ کیا زمانہ آگیا ہے کیسے کیسے لوگ بچھڑتے جا رہے ہیں۔ کچھ دیر کے لیے آنکھیں بند کر لیں اور پھر کھولیں تو لگتا ہے ۔،	

صد سالہ دورِ چرخ تھا ساغر کا ایک دور
نکلے جو میکدے سے تو دنیا بدل گئی
٭٭٭
Mus'haf Iqbal Tausifi  
Flat 101, Golden Crest Apts., 12-2-823/B/55,
I. T. Colony, Mehdipatnam, Hyderabad. 500 028
Phone: 09394800366; 040-23512984
٭٭٭
مصنف کی اجازت اور فائل فراہمی کے تشکر کے ساتھ
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
