﻿
میں مٹی کی مورت ہوں
فہمیدہ  ریاض










ترتیب : زرقا مفتی






فہمیدہ ریاض

فہمیدہ ریاض ۲۸ جولائی ۱۹۴۶ کو میرٹھ (ہندوستان) کے علمی ادبی گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ اُن کے والد ریاض الدین احمد ماہرِ تعلیم تھے۔تقسیم کے بعد اُن کا خاندان حیدر آباد سندھ میں قیام پذیر ہوا۔فہمیدہ نے بچپن میں سندھی زبان سیکھی اور سندھی ادب کا مطالعہ بھی کیا۔
فہمیدہ زمانہ طالبعلمی سے طلبہ کی سیاسی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہیں۔ایوب خان کے زمانے میں طلبہ یونین پر پابندی کے خلاف لکھتی رہیں۔۱۹۶۷ میں شادی کے بعد وہ انگلستان چلی گئیں وہاں بی بی سی کی اردو سروس سے وابستہ رہیں۔پاکستان واپسی پر انہوں نے ایک پبلشنگ ہاؤس کھولا۔ ایک رسالہ آواز کے نام سے جاری کیا۔حکومتی پالیسیوں پر تنقید کے جرم میں ان پر ۱۴ مقدمات قائم ہوئے۔ ضیاءالحق صاحب نے ان کو جبری جلاوطن کر دیا تو بھارت چلی گئیں۔ دہلی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ساتھ وابستہ رہیں۔ 
فہمیدہ کی پہلی نظم پندرہ سال کی عمر میں احمد ندیم قاسمی صاحب کے رسالے فنون میں شائع ہوئی۔بائیس سال کی عمر میں اُن کا پہلا شعری مجموعہ منظرِ عام پر آیا۔فہمیدہ کی شاعری کو غیر شائستہ قرار دیا جاتا رہا کیونکہ انہوں نے جنس ، تخلیق اور بہت سے ایسے موضوعات پر لکھا ہے۔ فہمیدہ کی شاعری میں مشرقی عورت کی مجبوریاں بھی نظر آتی ہیں اور بیسویں صدی کی عورت کی روایات سے آزاد اور خود مختار ہونے کی خواہش بھی۔ اُن کا خواب ایک ایسا معاشرہ ہے جہاں عورت اور مرد کو برابری مل سکے جہاں عورت دوسرے درجے کی محکوم نہ ہو۔ انہوں نے سندھی شاعر شیخ ایاز کے کلام کا اردو میں ترجمہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ مثنوی مولانا روم کا بھی ترجمہ کیا ہے۔
شعری تصانیف:
پتھر کی زبان
بدن دریدہ
دھُوپ
کیا تم پورا چاند نہ دیکھو گے 
ہم رکاب
کلیات: میں مٹی کی مورت ہوں 


اے والی و ربِ کون و مکان


ڈوب گئی خاموشی میں مغرب کی اذاں 
کیسا سکوت ہے ، والی و ربِ کون و مکان
الحمد للہ رب العالمین
سب تعریف خدا کی ہے جو ہے بہت عظیم
بارش سے نکھرا نکھرا شفاف فلک
نیلا نیلا حدِ نظر تک پھیلا ہے 
سبزے کی مخمل سے ڈھکی ہے نرم زمیں 
الحمد للہ رب العالمین
سب تعریف خدا کی ہے جو ہے بہت عظیم
کیسی سوچ نے میرے دل میں چُٹکی لی
کیسے دھیان سے میری آنکھیں بھر آئیں 
سینے میں کیوں سناٹا سا چھا یا ہے 
یہ میرے سجدے میں تذبذب کیسا ہے 
لب پہ دُعائیں آ کے بنیں کیوں بے معنی
کوئی تو آئے کوئی تو آ کر دستک دے 
کیسے کھولوں اپنے دل کے بند کواڑ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔



پتھر کی زبان



اسی اکیلے پہاڑ پر تُو مجھے مِلا تھا
یہی بُلندی ہے وصل تیرا
یہی ہے پتھر مری وفا کا
اُجاڑ، چٹیل اُداس ویراں
مگر میں صدیوں سے ،اس سے لپٹی ہوئی کھڑی ہوں
پھٹی ہوئی اوڑھنی میں سانسیں تری سمیٹے
ہوا کے وحشی بہاؤ پر اُڑ رہا ہے دامن
سنبھالا لیتی ہوں پتھروں کو گلے لگا کر
نُکیلے پتھر
جو وقت کے ساتھ میرے سینے میں اتنے گہرے اُتر گئے ہیں
کہ میرے جیتے لہو سے سب آس پاس رنگین ہو گیا ہے
مگر میں صدیوں سے اس لپٹی ہوئی کھڑی ہوں
اور ایک اونچی اُڑان والے پرندے کے ہاتھ
تُجھ کو پیغام بھیجتی ہوں
تُو آ کے دیکھے
تُو کتنا خوش ہو
کہ سنگریزے تمام یاقوت بن گئے ہیں
دمک رہے ہیں
گُلاب پتھر سے اُگ رہا ہے۔
٭٭٭


پچھتاوا



خُدائے ہر دو جہاں نے جب آدمی کو پہلے پہل سزا دی
بہشت سے جب اُسے نکالا
تو اس کو بخشا گیا یہ ساتھی
یہ ایسا ساتھی ہے جو ہمیشہ ہی آدمی کے قریں رہا ہے
تمام ادوار چھان لو
روایتوں میں حکایتوں میں
ازل سے تاریخ کہہ رہی ہے
کہ آدمی کی جبیں ہمیشہ ندامتوں سے عرق رہی ہے 
وہ وقت جب سے کہ آدمی نے
خُدا کی جنت میں شجر ممنوعہ چکھ لیا
اور
سرکشی کی
تبھی سے اس پھل کا یہ کسیلا سا ذائقہ
آدمی کے کام و دہن میں ہر پھر کے آ رہا ہے
مگر ندامت کے تلخ ذائقے سے پہلے
گناہ کی بے پناہ لذت
٭٭٭

اندیشہ


ہاتھ میں بیتی بات کی لرزش
لاکھ چھپاؤں کھنکے برتن
گھُٹی گھُٹی مجبوری میری
سب کے طعنے دل کی کھولن
اُمیدوں کی راکھ میں دہکیں
جلتی حسرت کے انگارے
رُخ پر ڈھلکے عرق ندامت
کہنا چاہوں چُپ رہ جاؤں
ہائے اس کی کھوئی محبت
گال پہ کاجل پھیلا پھیلا
محرومی سے اُجڑی صورت
رُسوائی سے آنچل میلا
چُپکے چُپکے آنسو پو نچھوں
نہیں نہیں میں روتی کب ہوں
اُس کا مجھ کو دھیان کہاں ہے
مُجھ پر تُم اُنگلی نہ اُٹھاؤ
یہ گیلی لکڑی کا دھواں ہے	
٭٭٭



مری چنبیلی کی نرم خوشبو


مری چنبیلی کی نرم خُوشبو
ہوا کے دھارے پہ بہہ رہی ہے
ہوا کے ہاتھوں میں کھیلتی ہے
ترا بدن ڈھونڈنے چلی ہے

مری چنبیلی کی نرم خُوشبو
مجھے تو زنجیر کر چکی ہے
اُلجھ گئی ہے کلائیوں سے
مرے گلے سے لپٹ گئی ہے

وہ رات کی کُہر میں چھُپی ہے
سیاہ خُنکی میں رچ رہی ہے
گھنیرے پتوں میں سرسراتی
ترا بدن ڈھونڈنے چلی ہے
٭٭٭


تمنّا

مجھے تُم سے ملنے کی اُمید کب ہے
مآلِ  مسّرت کی تاریکیوں میں
نہیں خود فریبی کا کوئی اُجالا

مرا حوصلہ ، سر کو زانو پہ رکھے
خجالت سے مُنہ آستیں میں چھُپائے
بڑی دیر سے سسکیاں لے رہا ہے

کبھی آس کی پھانس دل میں چُبھی تھی
سو مُدت ہوئی ٹُوٹ کر رہ گئی ہے
مرے دل میں اک پھول اُمید کا تھا
اُسے وقت کے ہاتھ نے نوچ ڈالا

اب اس زخم سے تجربہ رس رہا ہے
مری روح کی چیخ، اُبھرنے سے پہلے
لبوں پر مرے منجمد ہو گئی ہے
مرے چاروں اطراف غم کا دھواں ہے

مگر ایک شعلہ بھڑکتا ہے دل میں
لپکتی ہوئی جس کی خونی زبانیں
مری روح کو چاٹتی جا رہی ہیں
یہ شعلہ ابھی تک یونہی ضو فشاں ہے

نہ اُمید کوئی، نہ کوئی سہارا
بغاوت کی ہمت نہ کوشش کا یارا
مری بے بسی مُجھ پہ ظاہر ہے، لیکن
تمہاری تمنّا ، تمہاری تمنّا 
٭٭٭



قطرہ قطرہ


قطرہ قطرہ دل میں آنسو گرتے ہیں 
اک آنسو اُس شخص کا، جو بے گانہ ہے 
اک آنسو اُس نام کا ، جو ہم لے نہ سکے 
اک آنسو اُس دُعا کو جو پوری نہ ہوئی
ایک فضول سی بات کہ جو بے سود کہی
(آنسو میرا خواب ، میں جس سے گھبراؤں 
آنسو میری مراد، جسے میں بہلاؤں )
اک آنسو آس چہرے کا جو یاد رہے 
آنکھوں کے رستے جو دل میں اُتر جائے 
اک آنسو اُس ٹھہرے ٹھہرے لہجے کا
اک آنسو اُس جھوٹ کا جو اوروں سے کہا
پھیکی ہنسی سے قصہ کیسے ختم کیا
لمحہ لمحہ رات گزرتی جاتی ہے 

قطرہ قطرہ دل میں آنسو گرتے ہیں 
٭٭٭



وہ لڑکی


جن پر میرا دل دھڑکا تھا وہ سب باتیں دہراتے ہو
وہ جانے کیسی لڑکی ہے تم اب جس کے گھر جاتے ہو

مجھ سے کہتے تھے ، بن کاجل اچھی لگتی ہیں میری آنکھیں 
تم اب جس کے گھر جاتے ہو، کیسی ہوں گی اُس کی آنکھیں 
تنہائی میں چپکے چپکے نازک سپنے بنتی ہوں 
تم اب جس کے گھر جاتے ہو کیا وہ مجھ سے اچھی ہو گی
مجھ کو تم سے کیا دلچسپی میں اک اک کو سمجھاتی ہوں 
یاد بہت آتے ہو جب تم، یوں جھوٹوں دل بہلاتی ہوں 
اک دن ایسا بھی آئے گا، مجھ کو پاس نہیں پاؤ گے 
یاد آؤں گی یاد آؤں گی پچھتاؤ گے پچھتاؤ گے 
لیکن میں دکھ درد سمیٹے ان گلیوں میں کھو جاؤں گی
لاکھ مجھے ڈھونڈو گے لیکن ہاتھ تمہارے کیا آؤں گی
٭٭٭


میں تو مٹی کی مورت ہوں


پھر نیم قدم شب آ پہنچی
میں ان بے کار خیالوں کی
رنگیلی کنچن مالا سے
کب تک کھیلوں

میں تو مٹی کی مورت ہوں
کیا ہوا  اگر اس مورت میں
بہتا ہے لہو کا اک دریا
اور دریا میں طُغیانی ہے

وہ  تیری یاد کا چاند چڑھا
بڑھ بڑھ کر لہریں آتی ہیں
ساحل سے ٹکرا جاتی ہیں

ان اُٹھتی گرتی لہروں سے
کیا پھل پائے گا بدن میرا
میں تو مٹی کی مورت ہوں
یہ مٹی گھُلتی جائے گی
گھٹتا جائے گا بدن میرا
٭٭٭



باکرہ


آسماں تپتے ہوئے لوہے کی مانند سفید
ریگ سوکھی ہوئی پیاسے کی زباں کے مانند
پیاس حلقوم میں ہے، جسم میں ہے، جان میں ہے

سر بہ زانو ہوں، جھُلستے ہوئے ریگستان میں
تیری سرکار میں لے آئی ہوں یہ وحش ذبیح !
مُجھ پہ لازم تھی جو قُربانی وہ میں نے کر دی

اُس کی اُبلی ہوئی آنکھوں میں ابھی تک ہے چمک
اور سیہ بال ہیں بھیگے ہوئے خوں سے اب تک 
تیرا فرماں یہ تھا  اس پہ کوئی داغ نہ ہو
سو یہ بے عیب اچھوتا بھی تھا ان دیکھا بھی
بے کراں ریگ میں سب گرم لہو جذب ہوا
دیکھ چادر پہ مری ثبت ہے اس کا دھبّا
اے خُداوند کبیر
اے جبّار إ
متکبّر و جلیل إ
ہاں ترے نام پڑھے اور کیا ذبح اسے
اب کوئی پار ۂ ۂ ابر آئے ، کہیں سایہ ہو
اے خُدا وند عظیم
بادِ تسکیں إ کہ نفس آگ بنا جاتا ہے إ
قطرۂ آب کہ جاں لب پہ چلی آئی ہے
٭٭٭



لاؤ ، ہاتھ اپنا لاؤ ذرا


لاؤ ، ہاتھ اپنا لاؤ ذرا
چھُو کے میرا بدن
اپنے بچے کے دل کا دھڑکنا سُنو
ناف کے اس طرف
اس کی جُنبش کو محسوس کرتے ہو تُم؟
بس یہیں چھوڑ دو
تھوڑی دیر اور اس ہاتھ کو میرے ٹھنڈے بدن پر یہیں چھوڑ دو
میرے بے کل نفس کو قرار آ گیا
میرے عیسیٰ میرے درد کے چارہ گر
میرا ہر موئے تن 
اس ہتھیلی سے تسکین پانے لگا
اس ہتھیلی کے نیچے مرا لال کروٹ سی لینے لگا
انگلیوں سے بدن اس کا پہچان لو
تم اسے جان لو
چُومنے دو مُجھے اپنی یہ اُنگلیاں
اُن کی ہر پور کو چومنے دو مُجھے
ناخنوں کو لبوں سے لگا لوں ذرا
پھُول لاتی ہوئی یہ ہری اُنگلیاں
میری آنکھوں سے آنسو اُبلتے ہوئے
ان سے سینچوں گی میں
پھُول لاتی ہوئی اُنگلیوں کی جڑیں ۔ چُومنے دو مُجھے
اپنے بال، اپنے ماتھے کا چاند، اپنے لب
یہ چمکتی ہوئی کالی آنکھیں
مرے کانپتے ہوئے ہونٹ میری چھلکتی ہوئی آنکھ کو دیکھ کر کتنی حیران ہیں
تُم کیا معلوم ۔ تُم کیا معلوم
تُم نے جانے مجھے کیا سے کیا کر دیا
میرے اندر اندھیرے کا آسیب تھا
یا کراں تا کراں ایک انمٹ خلا
یوں ہی پھرتی تھی میں
زیست کے ذائقے کو ترستی ہوئی
دل میں آنسو بھرے، سب پہ ہنستی ہوئی
تم نے اندر میرا اس طرح بھر دیا
پھُوٹتی ہے مرے جسم سے روشنی
سب مقدس کتابیں، جو نازل ہوئیں
سب پیمبر جو اب تک اُتارے گئے 
سب فرشتے کہ ہیں بادلوں سے پرے
رنگ، سنگیت، سُر، پھُول، کلیاں، شجر
صُبح دم پیڑ کی جھومتی ڈالیاں
اُن کے مفہوم جو بھی بتائے گئے
خاک پر بسنے والے بشر کو مسّرت کے جتنے بھی نغمے سُنائے گئے
سب رشی، سب مُنی، انبیا، اولیا
خیر کے دیوتا، حُسن، نیکی، خُدا
آج سب پر مجھے
اعتبار آگیا ۔ اعتبار آ گیا
٭٭٭



اقلیما


اقلیما
جو ہابیل کی قابیل کی ماں جائی ہے
ماں جائی 
مگر مختلف
مختلف بیچ میں رانوں کے
اور پستانوں کے اُبھار میں
اور اپنے پیٹ کے اندر
اپنی کوکھ میں
ان سب کی قسمت کیوں ہے
اک فربہ بھیڑ کے بچے کی قربانی
وہ اپنے بدن کی قیدی 
تپتی ہوئی دھوپ میں جلتے
ٹیلے پر کھڑی ہوئی ہے
پتھر پر نقش بنی ہے
اس نقش کو غور سے دیکھو
لمبی رانوں سے اُوپر
اُبھرے پستانوں سے اُوپر
پیچیدہ کوکھ سے اُوپر
اقلیما کا سر بھی ہے
اللہ کبھی اقلیما سے بھی کلام کرے 
اور کُچھ پُو چھے
٭٭٭


شہر والو سُنو


اس بریدہ زباں شہر میں قصہ گو خوش بیاں آئے ہیں
شہر والو سُنو اس سرائے میں ہم قصّہ خواں آئے ہیں
شہرِ معصوم کے ساکنو کُچھ فسانے ہمارے سُنو
دُور دیسوں میں ہوتا ہے کیا ، ماجرے آج سارے سُنو
وہ سیاہ چشم پستہ دہن سیم تن نازنیں عورتیں
وہ کشیدہ بدن، سبز خط، خوش قطع ماہر و نو جواں
اور وہ جادو گری ان کی تقدیر کی
وہ طلسمات ، سرکار کی نوکری
ایک انوکھا محل
جس سے گزرا تو ہر شہزادے کا سر خوک کا بن گیا
درسگاہوں میں وہ جوق در جوق جاتے ہوئے نوجواں
وہ تبسم فشاں ان کی پیشانیاں ہائے کھوئی کہاں
آن کی آن میں پِیر اتنے ہوئے
ضعف سے ان کی مژگاں تلک جھڑ گئیں
جسم کیا روح پر جھریاں پڑ گئیں
اور وہ شہزادیاں
کچّی عُمروں میں جو سیر کرنے گئیں
باغ کا وہ سماں
عشق کے پھول کھلتے ہوئے دُور تک ریشمی گھاس میں
وہ فسوں ساز خوشبو بھٹکتی ہوئی ان  کے انفاس میں
افسروں اور شاہوں کی آغوش میں
ان کے نچلے بدن کیسے پتھرا گئے
وہ عجب مملکت
جانور جس پہ مدّت سے حکمراں
گو رعایا کو اس کا پتہ تک نہ تھا
اور تھا بھی تو بے بس تھے ، لاچار تھے 
ان میں جو اہلِ دانش تھے مُدّت ہوئی مر چکے تھے
جو زندہ تھے بیمار تھے
کُچھ عجب اہلِ فن بھی تو تھے اس جگہ
سامری، سحر سے روگ میں مبتلا
خلعتِ شاہ ان کی واحد دوا
بیشتر قابِ سُلطان کے خوشہ چیں
گیت لکھتے رہے گیت گاتے رہے
عہدِ زرّیں کے ڈنکے بجاتے رہے
کن وزیروں سے اُن کی رقابت رہی
اور کام آئی کس کس کے جادو گری
شاہ کا جب کھٹولا اُڑایا تو پھر کیا ہوئی وہ پری
جمع کرتے تھے ہم ایک رنگیں فسانہ عجب داستاں
آستینوں میں دفتر نہاں لائے ہیں 
شہر والو سُنو
٭٭٭



پلاٹ


میں اپنے حمل کا بوجھ لیے
دھرتی کو ڈھونڈتی آئی تھی
پر دھرتی کہاں کہاں ہے میں جس پر یہ بوجھا لے کر بیٹھ سکوں
وہ جنموں کی سنگی میری
جس کی مٹی میں جذب ہوا تھا دودھ مرا
وہ جس کی اتھا ہ گہرائیوں میں بے کل ہیں نمو کی تحریکیں
جو اپنے پھُوٹتے اکھووں سے 
بوجھل بھی ہے
جو کوکھ کی طرح امر ہے
اور جذبے کی طرح آزاد بھی ہے
وہ زمیں
کہ جس سے کان لگا کر سُنتی تھی
اُس گھوڑے کی ٹاپوں کی دھمک
جو نظروں سے اوجھل ، آتا تھا  ایساویر سوار لیے
جس کے آنے کا وعدہ تھا
لیکن یہ زمیں
مجبور زمیں
جاگیر زمیں
وہ زمیں نہیں
یہ مجھ کو نہیں پہچانے گی
جنموں سے میری بچھڑی سنگی
کسی سوچ میں ہے

سُن سکھی ذرا
ہم کان لگا کر سُنتے ہیں
شاید کہ کہیں سے آتی ہو 
اُس گھوڑے کے ٹاپوں کی دھمک 
جو نظروں سے اوجھل
آتا ہےایسا ویر سوار لیے
جس کی آنکھوں میں آنسو ہیں
٭٭٭



عشق، تم جس کی تمنائی تھیں


عشق، تم جس کی تمنائی تھیں
کسی فردوس کا خوش رنگ پرندہ تو نہ تھا
یہ ہے تاریخ سے پہلے کا وہ اندھا عفریت
جو میرے جسم میں در آیا ہے
یہ درندہ جو میرے جسم کی دیواروں کو
اپنے آلودہ و نم ہاتھوں سے سہلاتا ہے
اندھے ہاتھوں سے جو ہر لحظہ مجھے چھُوتا ہے
گرم سانسیں جو شب و روز بھرے جاتا ہے
بھاری پیکر بہت آہستہ سے جنباں ہے مگر مُجھ کو معلوم ہے کس جست کی ہے اس میں تڑپ
بڑی محتاط، بہت آہستہ 
اُنگلیاں پھیر رہا ہے کہ نشاں پائے کوئی 
ڈھونڈتا ہے کوئی دروازہ ، کوئی راہ ملے
٭٭٭



وہ اِک زنِ ناپاک ہے


وہ اِک زنِ ناپاک ہے
بہتے لہو کی قید میں
گردش میں ماہ و سال کی
دہکی ہوس کی آگ میں
اپنی طلب کی چاہ میں
زائیدۂ ابلیس تھی
چل دی اسی کی راہ میں
اس منزلِ موہوم کو  
جس کا نشاں پیدا نہیں
سنگم وہ نُور و نار کا
جس کا پتہ ملتا نہیں
اُبلے لہو کے جوش سے 
پستان اس کے پھٹ چکے
ہر نوکِ خارِ راہ سے 
بندِ لحم سب کٹ چکے
اس کے بدن کی شرم پر
تقدیس کا سایہ نہیں
لیکن خُدائے بحر و بر
ایسا کبھی دیکھا نہیں
فرمان تیرے سب روا
ہاں اس زنِ نا پاک کے 
لب پر نہیں کوئی دُعا
سر میں کوئی سجدہ نہیں
٭٭٭




آج شب 


آج شب  میں نیند پر پہرہ دوں گی
چند یادوں، چند اندیشوں کی اک سنگین کندھے پر اُٹھائے
جاگتے رہنا کا آوازہ لگاتی
صُبح دم تک
شہر کی گلیوں میں آوارہ نہ گھوموں گی 
کہ
میں گہرے نشے میں ہوں
مرا بستر بُلاتا ہے مجھے
نیند، اے محبوب نیند
کب سے تُو مجھ سے خفا ہے اور میں تُجھ سے خفا ہوں
کونسی منزل پہ چھُوٹا تھا ساتھ اپنا
کون جانے
سب گلے شکوے بھُلا کر آج آتی ہے 
تو آ جا
آج میں لیٹوں گی تیرے بازوؤں میں
یہ اجازت دے کہ دل کی بات کہہ دوں
یہ اجازت دے کہ میں خود کو کروں تیرے حوالے
اپنا بوجھا توڑتا ہے جان میری
میری بیداری کا پیچیدہ شکنجہ
ذہن پر ہر دم کسا جاتا ہے
آ جا
٭٭٭


اک لمحۂ عرفان


دوستو مجھ کو نہیں دعوائے پیغام بری
ہاں مگر کشف کے لمحات سے گُزری میں بھی
شب عجب سحر کے عالم میں مری آنکھ کھلی
کہ زباں پر تھی مرے موت کی سی بے مزگی
چادرِ سرد پہ اک نعش کی مانند تھی میں 
اتنا بوجھل تھا لہو نبض بہت مدھم تھی
اس گھڑی سر میں نہ تھا دن کے خیالوں کا ہجوم
مری سانسوں میں مری ذات سمٹ آئی تھی
بعد از مرگ کے پیماں مرے دل میں گونجے 
 اور اس لمحے میں ان سب کی ضرورت نہ رہی
میں کہ وہ نقش ہوں ہر لمحہ مٹاتا ہے جسے 
میرا انجام فنا ہے تو چلو یوں ہی سہی
سرسرساہٹ تھی فرشتوں کی نہ سرگوشی غیب
چند سوکھے ہوئے پتوں پہ ہوا ہنستی تھی
میں بھی اوہام کے اصنام خیالی پہ ہنسی
 اور اسی نیند کے سیال میں پھر ڈوب گئی
دل میں اس لمحۂ عرفان کی تائید لئے 
دوسرے روز ملاقات کی امید لئے 
٭٭٭


جاناں



جاناں  دل عشق سے سُلگتا ہے
دیکھو یہ روشنی کا فوارہ
کیا موت کے بعد بس اندھیرا ہے
میرے دل کو یقیں نہیں آتا

لہراتا ہے عجیب اک  شعلہ

ہنستے بچوں کی ناچتی آنکھوں میں 
دوشیزاؤں کے نرم رُخساروں میں
سر کش لڑکوں کے گونجتے نعروں میں
لہراتا ہے عجیب اک شعلہ

جاناں تیری تنگ تر ہم آغوشی میں
اور میرے گرم بوسۂ لب میں
چاہت میں بدن کے تُند ٹکراؤ سے
جو شعلہ عشق کا بھڑکتا ہے
ساحل پر سیپیوں کے متوالے
لڑکوں کے رخوں پر جو دمکتا ہے
جو ہاتھ سنوارتے ہیں اس دُنیا کو
اس ہاتھ کی نبض میں دھڑکتا ہے
وہ شعلہ کس قدر فروزاں ہے

تاریکیِِ مرگ جیسے سُو کھا  جنگل 
اس شعلے کی لپٹ سے لو دینے لگا ہے
ہر نخلِ خُشک، روشنی کا مینار
میرے چاروں طرف چراغاں ہے
میں بھیگ گئی ہوں اس اُجالے میں
سر پر سُورج سامنے تُم ہو
سایہ بھی تو درمیاں نہیں باقی
تاریکی کا نشاں نہیں باقی
٭٭٭



ایک لڑکی سے

سنگدل رواجوں کی
یہ عمارتِ کُہنہ
اپنے آپ پر نادم
اپنے بوجھ سے لرزاں
جس کا ذرہ ذرہ
خود شکستگی کا ساماں
سب خمیدہ دیواریں
سب جھُکی ہوئی کڑیاں

سنگدل رواجوں کے
خستہ حال زنداں میں
اک صدائے مستانہ
ایک رقصِ رندانہ
یہ عمارتِ کُہنہ ٹُوٹ بھی تو سکتی ہے
یہ اسیر شہزادی چھُوٹ بھی تو سکتی ہے

یہ اسیر شہزادی۔۔۔۔
جبر و خوف کی دُختر
واہموں کی پروردہ
مصلحت سے ہم بستر
ضعف و یاس کی مادر
جب نجات پائے گی
سانس لے گی درّانہ
محوِ رقصِ رندانہ
اپنی ذات پائے گی

تُو ہے وہ زنِ زندہ
جس کا شعلہ ہے
جس کی روح آہن ہے
جس کا نُطق گویا ہے
بازوؤں  میں  قوّت  ہے
اُنگلیوں میں صنّا عی 
ولولوں میں بیباکی
لذتوں کی شیدائی
عشق آشنا عورت
وصل آشنا عورت
مادرِ خُداوندی
آدمی کی محبوبہ
٭٭٭


۲۳ ۔ مارچ ١۹۷۴

چارسو ہے بڑی دہشت کا سماں
کسی آسیب کا سایہ ہے یہاں
کوئی آواز سی ہے فاتحہ خواں
شہر کا شہر بنا گورستاں
ایک مخلوق جو بستی ہے یہاں
جس پہ انساں کا گُزرتا ہے گُماں
خود تو ساکت ہے مثالِ تصویر
جُنبشِ غیر سے ہے رقص کناں
کوئی چہرہ نہیں جُز زیرِ نقاب
نہ کوئی جسم ہے، جُز بے دل و جاں
عُلماء دُشمنِ فہم و تحقیق
کودنی شیوۂ دانشمنداں
سبز خط عاقبت و دیں کے اسیر
پارسا خوش تن و نوخیز جواں
شاعرِ قوم پہ بن آئی ہے
کِذّب، کیسے ہو تصوّف میں نہاں
لب ہیں مصروفِ قصیدہ گوئی
اور آنکھوں میں ہے ذِلّت عُریاں

یہ زنِ نغمہ گر و عشق شعار
یاس و حسرت سے ہوئی ہے حیراں
کس سے اب آرزوئے وصل کرے
اس خرابے میں کوئی مرد کہاں
٭٭٭



ست رنگی دھنک کمان


ست رنگی دھنک کمان تک
وہ سیڑھی لگا کے چڑھتا تھا
پر یکدم سیڑھی ختم ہوئی
اب کُچھ نیچے ہے نہ کُچھ اُوپر

وہ دھنک یہیں لہراتی تھی
وہ ابھی تو اسے بُلاتی تھی
ہاتھوں میں آ کر پھسل گئی
نیلے آکاش میں پگھل گئی
اب چُپ چُپ ہے حیران کھڑا
اور بُوڑھی آنکھوں سے تکتا
سانسوں کی ڈوری میں اُلجھا
سیڑھی کے سرے پر جھُول رہا
جیون کی کمائی اک بنگلہ
آنسوؤں کا حاصل ۔۔۔۔۔۔۔ اک موٹر
٭٭٭


بڑھتی نار

تُجھ سے لپٹ کر، اے مری جان 
ڈر سے سوکھ گئے مرے آنسو
سہم گئی میری مسکان
تُجھ سے لپٹ کر۔۔۔۔۔

میری دو بانہوں میں سمائی ساگر کی بھر پور اُٹھان
سارے موسم کھل کھل ہنستے ترے لہو میں گونج رہے ہیں
ترے بدن میں اَگن ہوا اور پانی مل کر جھُوم رہے ہیں
اُجیالے ماتھے پر اُگتا پہلی سوچ کا سچا سورج
بڑھتی نار
تُو اس دھرتی کا سب سے اُونچا مان
یہ تیرے بے خوف چمکتے نین اندھیروں سے انجان
ڈر سے سوکھ گئے مرے آنسو
سہم گئی میری مُسکان

دیکھو دیکھو آنے والے پل میں کیا ہونے والا ہے
چار اور سے سرک رہے ہیں کالے، بوجھل، اندھے سائے
کیا ایسا ممکن ہے۔۔۔۔۔۔۔۔
ایسا ہو سکتا ہے؟
لہریں بھرتے ساگر کو کوئی پتھرا دے
لچکیلے تن کی گیلی لکڑی میں چتا اگن بھڑکا دے
سورج پر کالک مل دے
نرمل کرنوں کا گلا دبا دے

ایسا ہی ہوتا آیا ہے
ہو سکتا ہے
نہیں، نہیں او دھرتی کی دھی
اپنی شکتی آپ سنبھال
ان بُوڑھی کُبڑی صدیوں کو ناچ دِکھا دے
تانڈو ناچ
اس گندے، ناپاک، بِس بھرے، نیلے لہو کو بہہ جانے دے
جس نے جیون بانجھ کیا ہے
سوچ کا سب رس چوس لیا ہے
چِھل جانے دے اپنا تن بھی
تیرے نئے جوان لہو کی لالی جہاں جہاں بکھرے گی
دھرتی رس سے بھر جائے گی
تب پھُوٹے گی پہلی کونپل
پیار کی کونپل
سُکھ کا راجہ تُجھ سے لپٹ کر تیرے ہونٹ کا بوسہ لے گا
سب تن شیتل ہو جائے گا، جہاں جہاں وہ ہاتھ دھرے گا
٭٭٭


اک پل ٹھٹکا میرے دوار


اک پل ٹھٹکا میرے دوار
بس ایسا ہے جیون۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جیسے گھر میں پھیلی چُپ
جیسے دھول جمی شیشوں پر
جیسے راکھ کے اُڑتے ذرے 
جیسے گیت کے بکھرے پنے 
جیسے گلے میں چبھتے آنسو
جیسے اپنے دل کی دھڑکن
جیسے پوس کی دھوپ اکیلی
جیسے سونا سونا آنگن
جیسے تن میں چھپا سناٹا
جیسے پیاسا ماس برہن کا
جیسے جاتے دن کی اُداسی
جیسے آتی رین کا دھڑکا
جیسے نیر سے نین نہائے 
جیسے اندر دھنش دھُندلائے 
جیسے آس کمل ٹھٹھرائے 
چھاتی سے بانہیں لپٹائے 
دل میں بھینچے دل کا پیار
اک پل ٹھٹکا میرے دوار

بس ایسا ہے جیون
٭٭٭



انتساب ۔ ١

اپنے دل کا کھنکتا سکہ 
جو تم ہر صبح سورج کے ساتھ ہوا میں اُچھالتے ہو
اگر خوف کے رُک پر گرے تو یہ مت بھلانا
کہ شجاعت اسی کے دوسرے رُخ پر کندہ ہے 
سو یہ ایک داؤ بھی اسی بازی کے نام 
جو ہم نے بدی ہے زندگی سے 
٭٭٭



کاغذ تیرا رنگ فق کیوں ہو گیا؟

" شاعر تیرے تیور دیکھ کر"
کاغذ تیرے رُخسار پر یہ داغ کیسے ہیں 
"شاعر میں تیرے آنسو پی نہ سکا"
کاغذ! میں تجھ سے سچ کہوں۔۔۔۔۔۔
"شاعر میرا دل پھٹ جائے گا"
٭٭٭



انتساب ۔ ۲

شاید کہ قول خاک سے ہارا قلم مرا
تا عمر صرف حرفِ تمنا رقم کیا

جی کو ضد کہ آج تو خوں ناب روئیے 
یہ قطرۂ سر شک سے بوٹے بنا گیا 
پت جھڑ میں ضد رہی کہ لکھے نو بہار رنگ

تقدیر تو سیاہ تھی تحریر کی مری
یہ اُس کا حوصلہ ہے کہ پھوٹے ہزار رنگ
کیا بے قرار رنگ!
٭٭٭




فلسطینی

﴿فلسطینیوں خانہ جنگی سے متاثر ہو کر﴾


شدّتِ غم نے فلسطینی کو دیوانہ کیا

پارہ پارہ کر کے اپنے ننگ کا بوسیدہ بر
اپنے ناخن کر کے پیوستِ گلو
اپنا پنجر اس نے اپنے ہی لہو میں بھر لیا

اپنی لاشیں، اپنے قاتل ، اپنی گور ، اپنے کفن
اپنا دامن، ہاتھ اپنے، اپنا کف، اپنا دہن
ہاں یہی ہے ، ہاں یہی ہے عالمِ دیوانہ پن
وہ یتیمِ  ارض تھا
راندۂ درگاہِ عالم، بے سہارا، بے خطا
سازشوں کی رات میں شب خُون کا مارا ہوا
نرغۂ اعدا میں بے جگری سے سرگرمِ ستیز
حلقۂ احباب میں تنہا رہا 
دُشمنی اور دوستی کے وار سب سہتا رہا
اُس کے زخمی کاسۂ سر سے لہو بہتا رہا
اُس کا دل دُنیا کے دل سے جانے کیا کہتا رہا

آخرش دو نیم ہو کر رہ گیا اس کا دماغ
ریزہ ریزہ ہو گیا اس کا ایاغ

آہ لیکن بوجھ ہے ہر رات کے آرام پر
ان پنہ گاہوں سے بھیجے طعنۂ و دشنام پر 
دُور صحرا میں کسی کے سر پٹکنے کی صدا
شدّتِ غم نے فلسطینی کو دیوانہ کیا
٭٭


طِفلاں کی تو کُچھ تقصیر نہ تھی 


اے دوست پُرانے پہچانے
ہم کتنی مدّت بعد ملے
اور کتنی صدیوں بعد ملی 
یہ ایک نگاہِ  مہر و سخا
جو اپنی سخا سے خود پُر نم
بیٹھو تو ذرا
بتلاؤ تو کیا
یہ سچ ہے میرے تعاقب میں
پھرتا ہے ہجومِ سنگِ زناں؟
کیا نیل بہت ہیں چہرے پر؟
کیا کاسۂ سر ہے خون سے تر؟
پیوندِ قبا دشنام بہت
پیوستِ جگر الزام بہت
یہ نظرِ کرم کیوں ہے پُر نم؟

جب نکلے کوئے ملامت میں
اِک غوغا تو ہم نے بھی سُنا
طِفلاں کی تو کُچھ تقصیر نہ دی
ہم آپ ہی تھے یوں خود رفتہ
مدہوشی نے مہلت ہی نہ دی
ہم مُڑ کے نظارہ کر لیتے 
بچنے کی تو صورت خیر نہ تھی
درماں کا ہی چارہ کر لیتے
پل بھر بھی ہمارے کارِ جُنوں
غفلت جو گوارہ کر لیتے
٭٭٭


مفرور



کہیں تو ڈھونڈو سُراغ اُن کا
کہاں ہے دل اور دماغ اُن کا
ابھی تمہارے محاصروں میں گھرا ہے تاراج باغ اُن کا

وہیں کسی راہ پہ بچھی اُن کی چشمِ نم ہے 
کٹا ہوا ہاتھ آج بھی بستۂ قلم ہے 
گلوئے زیبِ رسن سے لپٹی ہیں ان کی بانہیں 
جو گھر سے نکلے ، کہ جیسے دھرتی کے لال سے آہیں 

جہاں تھے مسدود سارے رستے 
وہیں پہ اُن کے قدم گڑے ہیں 
تمہارے بوٹوں تلے وہیں اُن کے دل پڑے ہیں 

بس ایک دل تھا ، بس ایک جاں تھی
نہ اتنی یکتا
کہ تلملانے لگیں سکنجے 
مزاجِ حاکم ہو اتنا برہم
مگر کوئی صیدِ نو رسیدہ، شکارِ تازہ
تمہارے چنگل کی زد سے باہر نکل گیا کیا؟

بلند سر بے کسوں کی حرمت
یہی تو تھی جسم و جاں کی قیمت
متاعِ انمول ہاتھ آئی
لپٹ کے دامن کے ساتھ آئی
وہی گھٹی آہ چیخ بن کر ضمیرِ عالم ٹٹولتی ہے 
بہت نمک خوار مضطرب ہیں کہ برملا راز کھولتی ہے 

یہ غیرتِ خاک ہے 
کہ جو میرے نطق میں ڈھل کے بولتی ہے 
٭٭٭



غزلیں

کبھی دھنک سی اُترتی تھی ان نگاہوں میں 
وہ شوخ رنگ بھی دھیمے پڑے ہواؤں میں 

میں تیز گام چلی جا رہی تھی اس کی سمت
کچا ہے عجیب تھی اس دشت کی صداؤں میں 

وہ اک صدا جو فریبِ صدا سے بھی کم ہے 
نہ ڈوب جائے کہیں تُند رو ہواؤں میں 

سکوتِ شام ہے اور میں ہوں گوش بر آواز
کہ ایک وعدے کا افسوں سا ہے فضاؤں میں 

مری طرح یونہی گُم کردہ راہ چھوڑے گی
تم اپنی بانہہ نہ دینا ہوا کی بانہوں میں 

نقوش پاؤ ں کے لکھتے ہیں "منزل نا یافت"
مرا سفر توہے تحریر میری راہوں میں 
٭٭٭


جو مجھ میں چھپا میرا گلا گھونٹ رہا ہے
یا وہ کوئی ابلیس ہے یا میرا خدا ہے 

جب سر میں نہیں عشق تو چہرے پہ چمک ہے 
یہ نخلِ خزاں آئی تو شاداب ہوا ہے 

کیا میرا زیاں ہے جو مقابل ترے آ جاؤں 
یہ امر تو معلوم کہ تو مجھ سے بڑا ہے 

میں بندہ و ناچار کہ سیراب نہ ہو پاؤں 
اے ظاہر و مو جود مرا جسم دُعا ہے 

ہاں اس کے تعاقب سے مرے دل میں ہے انکار
وہ شخص کسی کو نہ ملے گا نہ ملا ہے 

کیوں نورِ ابد دل میں گزر کر نہیں پاتا
سینے کی سیاہی سے نیا حرف لکھا ہے 
٭٭٭

تدوین : اعجاز عبید
ای بک کی تشکیل: زرقا مفتی
