﻿




میرے اندر ایک سمندر




ڈاکٹر ستیہ پال آنند

ترتیب : اعجاز عبید





دھیان میں گم


اے شہنشاہ اسوۂ حسنہؐ
آپ کا بندہ ستیہ پال آنند
غیر مسلم ضرور ہے لیکن
یہ اجازت تو دیں مجھے سرکارؐ
دھیان میں گم زمیں کو بوسہ دوں 
اور باقی کی عمر اے آقاؐ
یوں ہی ٹھہرا رہوں جھکاۓ ہوۓ
درِ شاہِ اممؐ پہ سر اپنا
دھیان میں گم رہوں تو میں شاید
دیکھ پاؤں حضور کا جلوہ
چہرۂ پاک کی ضیا پاشی
کالی کملی سے نور چھنتا ہوا
دھیان میں گم رہوں توسن پاؤں 
آپ سے میں پیامِ حق کے راز
جاوداں زندگی کی تعبیریں 
لفظ وحدت کے معنی و تفسیر
تھوڑی سی عمر رہ گئی ہے حضورؐ
ارضِ طیبہ پہ میں تنِ تنہا
منتظر آپ کی شفاعت کا
کلمہ خواں اپنا سر جھکاۓ ہوۓ
اور دستِ طلب بڑھاۓ ہوۓ
دھیان میں گم کھڑا ہوا ہوں حضورؐ
ہندوام، کافرم، گنہ گارم!!
٭٭٭



نٹ کھٹ کی واپسی

تنگ پتھریلی گلی نے چونک کر آواز دی  ۔ شاید وہی ہے!
دھوپ جو آہستگی سے سیڑھیاں چڑھتے ہوئے ، بے دم سی شاید تھک گئی تھی
ایک لحظہ رک گئی  ۔ کیا واقعی وہ آ رہا ہے؟
ضعف کی ماری ہوئی بوڑھی ہوا نے پوپلے منہ سے کہا
۔ ۔میں اس کی خوشبو سونگھ سکتی ہوں 
 وہی نٹ کھٹ ہے، واپس آ رہا ہے! 
بوڑھے دروازوں کی آنکھیں بند تھیں  ۔۔ کچھ بھی نظر آتا نہیں ، شاید وہی ہو!
اس کے بچپن کا کھلنڈرا دوست، اک کنچا
جو پچھلے ساٹھ برسوں سے منوں مٹّی کے نیچے سو رہا تھا   ۔  کلبلا کر چیخ اٹّھا
المدد !  کوئی مجھے باہر نکالو!
ہاں ، وہی ہے، دھوپ بولی، پر وہ بچہ
جس کو میں پہچانتی تھی، آنے والے مرد کے دل میں کہیں گُم ہو گیا ہے
بوڑھے دروازوں نے آنکھیں کھول دیں ،
پہچانتے ہیں ہم اسے! لڑکا وہی ہے، باپ کی مانند لمبا ہو گیا ہے
تنگ پتھریلی گلی بولی ۔ میں کتنی پیڑھیوں سے
ننھے قدموں کے بڑے ہوتے ہوئے سب نقش 
اپنے جسم پر سنبھال کر رکھتی رہی ہوں 
کلبلاتا، چیختا کنچا منوں مٹّی کے نیچے رو دیا ۔ میں کیسے نکلوں ؟
اور تب بوڑھی ہوا جو دم بخود سی رک گئی تھی
لڑکیوں سی کھلکھلا کر ہنس پڑی ۔  آؤ، ذرا دیکھیں 
تمہارے گال، آنکھیں ، بال، چہرہ تو وہی ہے
اتنی مدت تک کہاں گم ہو گئے تھے
اب کہو، آیا کرو گے؟
٭٭٭



۲۳ ۔۲۴  اپریل ۱۵۶۴ء

نال لپٹی ہوئی تھی گلے سے
وہ نوزائیدہ جیسے اپنی ولادت سے پہلے ہی
انجام تک جا چکا تھا، مگر 
دائی واقف تھی ان حالتوں سے۔۔۔
 اٹھی، اور جلدی سے کمرے میں چاروں طرف
ایک قینچی کو ڈھونڈھا
نہیں مل سکی، تو
پلٹ کر جھکی ، خون آلود لپٹی ہوئی نال کو
اپنے دانتوں سے کاٹا، گلے سے ہٹایا
تو بچے نے اک جھرجھری لی
ذرا  بلبلایا کہ جیسے شکایت کے انداز میں کہہ رہا ہو
 مری کیا ضرورت تھی دنیا کو آخر؟
 بچا کر مجھے کیا ملے گا کسی کو؟
فقط اک عمومی سا بچہ ہوں میں تو!

کہا  زچّہ کو دائی نے۔۔۔
۔۔۔لو، تمہارا یہ ولیم ہے، اس کو سنبھالو!
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک غیر ضروری نوٹ:  23/24   اپریل کی درمیانی رات  1564ء
ولیم شیکسپیئر کا یومِ پیدائش ہے۔
تین سو اکسٹھ برس بعد اسی رات کو ستیہ پال آنند پیدا ہوئے ۔
٭٭٭

آخری کوس


آخری کوس مجھے آج ہی طے کرنا ہے
اور اس لمبے سفر کا یہ کڑا کوس مجھے
اس قدر لمبا بڑھانا ہے کہ اب سے پہلے
جو بھی کچھ گذرا ہے ماضی میں ، اسے پھر ا ک بار
’’حاضر‘‘  و ’’ناظر‘‘ و ’’موجود‘‘ سا  میں جھیل سکوں 
 عرصۂ غائب و معدوم سے اس لمحے تک! 
وادیاں ، جھرنے، چراگاہیں ، مویشی، پنچھی
کھیت، کھلیان، چھپر کھٹ، مرے گھر کا دالان
گاؤں کی گلیاں ، مکاں ، لوگ،  دکانیں ،بازار
اور پھر شہر کی سڑکیں ، بسوں ،کاروں کا شور
عمر بڑھتی ہوئی بچپن سے لڑکپن کی طرف
اور لڑکپن کی وہ  نا پختہ بلوغت جس میں 
مجھ کو احساس ہوا تھا کہ کوئی اور بھی ہے
زندگی ساری  جسے ساتھ مرے چلنا ہے!
کیسا  شوریدہ سر طوفان تھا، طغیانی تھی
جس نے اک باؤلے انسان کو بے رحمی سے
دور انجانے سے پردیس میں لا پٹخا تھا    
 اور  پھر پا بہ رکاب آگے ہی آگے کی طرف
سر پہ سامان اٹھائے ہوئے بنجاروں سا
ڈنڈی، پگڈنڈی، سڑک ،نقل و حمل ،حرکت و کوچ
کیسی آیند و رود تھی یہ مہم جُو ہجرت
جس میں سیماب قدم چلتا رہا ہوں برسوں 

ایک کوس اور مجھے آج کی شب چلنا ہے
اور اس رات فقط اپنی ہی صحبت میں اگر
جو بھی میں بھوگ چکا ہوں اسے صہبا کی طرح
آخری کوس کے اس جام میں بھر کر آنندؔ
ایک لمحہ بھی توقف نہ کروں ، ہاتھ میں لوں 
اور اک گھونٹ میں پی جاؤں تو میرا یہ سفر
سرخروئی سے مکمل ہو،  مجھے سیر کرے !

آخری کوس مجھے آج ہی طے کرنا ہے!!
٭٭٭


آزمائش شرط تھی


زندہ رہنا سیکھ کر بھی میں نے شاید
زندگی  کو  دُردِ  تہہ تک 
پی کے جینے کی کبھی کوشش نہیں کی!
پیاس تھی ۔۔پانی نہیں تھا
صبر سے شکر و رضا کے بند حجروں میں بندھا
بیٹھا رہا ۔۔۔اور حلق میں جب پیاس کے کانٹے چبھے، تو
سہہ گیا میں !
میرے گھر والوں نے، میرے بیوی بچوں نے بھی
جلتے ہونٹ سی کر ،پیاس کے کانٹوں کو سہنے
صبر سے شکر و رضا کے بند حجروں میں 
تڑپنے کا سبق سیکھا مجھی سے!
یہ سراسر بزدلی تھی ، اُن سے دھوکا تھا 
 کہ میں نے خود کو پہچانا نہیں تھا!
میں بھی موسیٰ کی طرح
غصّے میں اپنی آستینوں کو چڑھاتا
اور عصا کی ایک کاری چوٹ سے 
چٹّان کے ٹکڑے اگر کرتا
تو شاید بازیابی کے عمل میں مجھ پہ کھلتا
رہبری کا فن ۔۔۔نبوّت کا کرشمہ
پیاس سے ہلکان لوگوں کے لیے پانی کا چشمہ!
آزمائش شرط تھی
میں نے کبھی پوری نہیں کی!
٭٭٭


 
عدم قبولیت
 

عجیب حادثہ ہوا
علیل ماں جو اسپتال میں پڑی    
کئی  دنوں سے چھٹپٹا  رہی تھی۔ ایکا ایک جیسے سو گئی
تو آسماں کی سمت دیکھ کر یتیم طفل چیخ چیخ اٹھے
خدایا رحم کر،ہماری کم سنی پہ رحم کر!
دعا نے پھڑپھڑائے پر۔ اڑی جو عرش کی طرف
تو ماں نے آنکھیں کھول دیں 
کہا ۔ ’’میں رک گئی ہوں ، دیکھو، میں 
تمہارے پاس  ہوں ابھی تلک!‘‘
تو عرش پر عجیب حادثہ ہوا
نہ جانے کیوں قبولیت کے واسطے اٹھے ہوئے
خدا کے ہاتھ رک گئے
دعا جو پھڑپھڑاتے مضمحل پروں پہ
اونچی  اٹھ رہی تھی، جیسے تھک گئی
اٹھی، مگر تھکاوٹوں کے بوجھ سے دبی ہوئی
گری، تو پھر نہ اٹھ سکی!
تو فرش پر بھی دوسرا عجیب حادثہ ہوا
جو طفل ہاتھ اٹھائے ماں کی پاینتی کے ساتھ بیٹھے
روتے روتے ہنس رہے تھے۔ دم بخود سے رہ گئے
کہ ماں کا سانس اکھڑ گیا
وہ مر گئی
بلکتے بچوں کو یتیم کر گئی
دعا فلک سے گر کے ٹوٹے تارے سی بکھر گئی!
٭٭٭



آدھا ادھورا شخص


ہمارا روز کا معمول تھا، سونے سے پہلے
باتیں کرنے اور جھگڑنے کا
گلے شکوے کہ جن میں اگلی پچھلی
ساری باتیں یاد کر کے روتے دھوتے تھے
کبھی ہنستے بھی تھے تو صرف کچھ لمحے
ذرا سی دیر میں ویسا ہی جھگڑا اور وہی طعنے
وہی سر پیٹنا، آنسو بہانا، چیخنا، رونا
یونہی روتے ہوے خوابوں کے دوزخ میں 
بھٹکنا ، اور سو جانا!
گزشتہ شب بھی کچھ ایسی ہی حالت تھی
مگر سونے سے پہلے وہ بہت ہی تلملایا تھا
کہا تھا ۔ میں چلا جاؤں گا، لیکن تم
فقط آدھے ہی رہ جاؤ گے، ا ک ٹوٹے کھلونے سے!
مجھے غیض و غضب نے جیسے پاگل کر دیا تھا ۔۔۔
’’دفع ہو جاؤ!  مرا تم سے کوئی رشتہ نہیں باقی!‘‘

میں خوابوں کے دہکتے دوزخوں سے صبح نکلا تو ہوں ۔۔ ۔
لیکن دیکھتا کیا ہوں 
کہ وہ غائب ہے پچھلی رات سے
 مجھ کو اکیلا چھوڑ کر جانے کہاں انجان راہوں پر
بھٹکتا پھر رہا ہو گا!
کروں کیا میں ؟ کہاں ڈھونڈوں اسے اب ایسی حالت میں ؟

میرے گھر کے مکینو، رشتہ دارو، اے گلی والو
مجھے یوں رسیوں سے باندھ کر
ذہنی مریضوں کے شفا خانے میں مت بھیجو
کہ میں پاگل نہیں ہوں ، چیختا ،  سر پیٹتا  تو ہوں 
مگر میں چیخ کر اس کو بلاتا ہوں 
جو میرا آدھا حصہ ہے
جو میرا دوسرا     مَیں   ہے!!
٭٭٭


ایک ’’نیچرل‘‘ نظم

(یہ نظم خواجہ ا الطاف حسین حالیؔ کے ایما پر لکھی گئی)

سہانی  نیند  کی  آغوش  میں  مچلتی  ہے
نشے  کے  آبگیں محو ر پہ  جسم  گھومتا ہے
ہر ایک عضو میں رقصاں ہے رات بھر کا خمار
جو گھنگھروؤں سے بدن کا خمیر گوندھتا ہے!  

ذرا سی کہنی کے بل اٹھتی ہے تو چاروں طرف
پرندے راگ للت کے سُروں میں بولتے ہیں 
شبِ گزشتہ کے  خوابوں کے  محرمانہ  راز
چہکتے، گاتے، فجر کی زباں میں کھولتے ہیں 

سڈول بازو  اٹھاتی ہے  تو سرکتے ہوئے
اندھیرے دھند کی چادر میں چھُپنے لگتے ہیں 
بڑے  ہی ناز سے  لیتی ہے  ایک انگڑائی
تو جیسے بلبلے رگ رگ سے پھوٹ پڑتے ہیں 

کمر کے بل میں کھنچاؤ ہے اک  کماں جیسا
کھنچے تو جسم  میں  قوسیں مچلنے  لگتی  ہیں 
بھنور سی ناف کو جب گدگدی سی ہوتی ہے
ہنسی کی گھنٹیاں پانی میں  بجنے  لگتی  ہیں 

ابھار  سینے  کے، اٹھتے،  مچلتے،  کھلتے ہوئے
کہ جیسے جام میں کچھ دائرے سے رقصاں ہوں 
 کنول کے پھول  کھلیں  سطحِ آب  پر  جیسے
کٹورے سیمگوں جھیلوں میں جیسے افتاں ہوں 

سپید و  سرخ  بدن  کی  وہ  نرم  پشتِ دو تا
کہ  جیسے  ریشمی  چٹّان خود میں بٹ جائے
دراز  ٹانگیں اٹھی  ہیں  بہاؤ  میں  ایسے
غزل  کا  شعر  اٹھے اور بزم الٹ جائے!

جو سوئی سوئی سی بہتی رہی ہے پچھلی رات
ندی، وہ چلبلی دوشیزہ جاگ اٹھی ہے!!
٭٭٭


گرو دکھشنا


ایکلّویہ  ہوں 
مجھ کو گرو  ور
آپ نے جو اعلیٰ پائے کی شکھشا دی ہے
اس سے اب میں 
تیر اندازی کے فن میں یکتائے زمانہ
شوربیر ہوں 
 جس کو ہرانا
اس دنیا میں کسی کے بس کا روگ نہیں ہے
لیکن گرو  ور، آپ بتائیں 
گرو دکھشنا میں کیوں مجھ سے مرا  انگوٹھا مانگ رہے ہیں ؟
 آپ تو ،گرو  ور، خود گیانی ہیں 
جانتے ہیں کہ مرا  انگوٹھا مرے بان کی شکتی کا سنکیت ہے، لیکن
گرو دکھشنا آپ کا حق ہے، اس سے مجھے انکار نہیں ہے
پھر بھی، گرو  ور
مجھ سے مر ا  انگوٹھا لے کر یہ مت سوچیں 
اس کے بنا یہ بالک اپنا تیر بھلا کیسے چھوڑے گا!
دور دیس کی رن بھومی میں کیسے وجے کا اپنا جھنڈا لہرائے گا
بھارت کی بازی ہارے گا
نہیں ، مانیہ  ور
میں بھارت تو کیا ہاروں گا
امریکا کو فتح کروں گا!!
٭٭٭
ایکلویہ  مہا بھارت کا ایک اچھوت کردار ہے۔اسے گرو  درون آچاریہ نے اچھوت ہونے کی وجہ سے شکھشا دینے سے انکار کیا تو اس نے گرو کی مورتی سامنے رکھ کر تیر اندازی کی مشق شروع کی اور اس فن میں یکتائے زمانہ ہو گیا ۔ جب درون آچاریہ کو پتہ چلا تو اسے یہ خطرہ لا حق  ہوا کہ ایکلویہ  جنگ میں ارجن کو  ہرا  دے گا۔ تب اس نے جا کر ایکلویہ سے پوچھ ا کہ اس کا گرو کون ہے۔ ایکلویہ نے بتایا کہ وہ تو اسی کی مورتی سامنے رکھ کر اور دل سے اسے ہی گرو مان کر مشق کرتا رہا ہے۔ تب درون آچاریہ نے اس سے گرو دکھشنا طلب کی اور اس کا انگوٹھا مانگ لیا۔ شاگرد انکار نہیں کر سکتا تھا۔ اس نے اسی وقت اپنا انگوٹھا کاٹ کر دے دیا۔ اس طرح ارجن کو جو خطرہ لا حق تھا، وہ ٹل گیا۔( ستیہ پال آنند)
***


اپنی آنکھیں کھول دوں یا بند رکھوں ؟

جب بھی آنکھیں کھولتا ہوں 
جانی پہچانی یہی دنیا نظر آتی ہے مجھ کو
جب بھی آنکھیں بند کر کے اپنے اندر جھانکتا ہوں 
اور ہی دنیا کا نقشہ دیکھتا ہوں !

کچھ عجب منظر ہے اندر
گندگی اک عمر کی ۔۔ اک لاکھ صدیوں کی غلاظت!
جانتا ہوں ، آدمی کی نسل کا ماضی یہی تھا
اجتماعی، لاشعوری ذہن کی ’'diskette میں رکھی
ایک chip سا
جس کے کمپیوٹر میں چلنے پر میں اپنی
بند آنکھوں سے برابر دیکھتا ہوں 
لڑتے بھڑتے جنگلی، وحشی قبیلے
ارتقا کی دوسری منزل پہ تہذیب و تمدن کا ابھرنا
نیست و نابود ہونا
مذہبوں کے نام پر لشکر کشی، خلقت کا قتل عام، شہروں کی تباہی
حملہ آور فوجیوں کی بربریت
آمروں کی، بادشاہوں کی ہوس ملک گیری

نوجوانوں ، عورتوں ، بچوں کو جیسے ریوڑوں سا ہانک کر
نیلام گھر میں ان کی بولی!
تیز رو میں آگے بڑھتے chip کے ان سارے مناظر پر لہو بکھرا ہوا ہے!

آدمی کی نسل کا ماضی بہت مکروہ ہے، اب آنکھیں کھولوں 
chip کو diskette میں مقفل چھوڑ دوں ۔۔
یہ سوچ کر جب اپنی آنکھیں کھولتا ہوں 
چونک کر کیا دیکھتا ہوں 
chip تو چلتی جا رہی ہے، آج کی دنیا کی تصویریں دکھاتی!
سب طرف وحشت وہی ہے
بربریت، جارحیت کا وہی نقشہ ہے ہر سو
کچھ بھی تو بدلا نہیں ہے!

اپنی آنکھیں کھول دوں یا بند رکھوں ؟
٭٭٭


عورتیں رینوؔار کی

میوزیم میں ایک بوڑھا آدمی
رینوؔار کے گوشے میں جیسے ایک پاؤں پر کھڑا
دیوار پر لٹکی ہوئی
رنگین تصویروں کو ایسے دیکھتا ہے
جیسے نظریں جم گئی ہوں 
ٹکٹکی سی لگ گئی ہو
اک کرن بینائی کی
جو آنکھ کے پردے کے پیچھے مدتوں سے کھو گئی تھی
لوٹ کر پھر آ گئی ہو
آیٔنہ جو بے بصر تھا
دیکھ کر کچھ  یاد کرنے، سوچنے میں لگ گیا ہو
بھولی بسری چاہتوں کا کھٹا میٹھا ذائقہ سا
دیکھتے ہی دیکھتے  
احساس کے سوکھے لبوں میں 
شہد سا رچ بس گیا ہو!

عورتیں رینوؔار کے موئے قلم کی یادگاریں 
لہرئیے سی

قمقمے سے بیضوی سینے، ابھرتے گنبدوں سے
چوڑی چکنی ، استواری پشت
کندھوں کی ڈھلانیں 
گھاٹیاں ، پربت
ملائم، ریشمی، پشمی چٹانیں 
فربہی میں بیش تر، پر 
خوشنما ، آواز دیتے، بولتے اعضا بدن کے!

عورتیں رینوار کی 
اک سن رسیدہ آدمی کے
بے بصارت ذہن کو چشم تماشا دے گئی ہیں !
٭٭٭
(Pierre Au-Gutate Renoir)  ۱۸۴۱ ۔ ۱۹۱۹ ۔ فرانسیسی تلفظ رینوؔار   یا  ریناؔیٗأ  ۔شہرہ آفاق فرانسیسی آرٹسٹ جس کی بنائی ہوئی تصویریں نسوانی جسم کی بہترین اسٹڈیز ہیں ۔ انسائیکلوپیڈیا آف آرٹ کے مطابق ان کی Stylistic full-toned rotundity   ضرب المثل ہے۔ اس نظم میں ، جو انگریزی میں پہلے لکھی گییٔ، اشارہ رینوؔار کی Tahiti Women Series  کی  پینٹنگز کی طرف ہے۔  (س پ آ)                      
***


بادِ خزاں کو کیا پروا ہے؟               

اکتوبر ہے
کہرے کی اک میلی چادر تنی ہوئی ہے
اپنے گھر میں بیٹھا مَیں کھڑکی سے باہر دیکھ رہا ہوں 
باہر سارے پیڑ
دریدہ، پیلے، یرقانی پتّوں کے
مَٹ مَیلے ملبوس میں لپٹے ، نصف برہنہ
بادِ خزاں سے الجھ رہے ہیں 
 حرف حرف پتّوں کا ابجد
پت جھڑ کی بے رحم ہوا کو سونپ رہے ہیں 
میں بھی ’اَلِف‘‘ سے چلتا چلتا
اب ’یائے معروف‘ پہ پاؤں ٹکا کر بیٹھا
 ایک قدم آ گے ’مجہول‘ کو دیکھ رہا ہوں 
 ننگے، بُچّے، دیمک چاٹے
عمر رسیدہ پیڑ بھی اپنا ابجد کھو کر
برف کا بوجھ نہیں سہہ پاتے ۔ گر جاتے ہیں 

اکتوبر سے چل کر میں بھی
اپنے ابجد کی قطبینی ’’یے‘‘ کی یخ بستہ چوکھٹ پر
جونہی شکستہ پاؤں رکھوں گا ۔ ۔ گر جاؤں گا

بادِ خزاں کو کیا پروا ہے؟
اس کو تو پیڑوں کو گرانا ہی آتا ہے!
٭٭٭



بڑا اور چھوٹا

(اپنی ایک ہندی نظم کا سیدھا اور سادہ  اردو روپ)

آٹھ سالہ طفل مجھ کو دم بخود  سا دیکھتا ہے
’’واقعی؟ سچ مُچ ؟‘‘  وہ مجھ سے پوچھتا ہے
’’واقعی جب بھی کبھی تم طیش میں آتے ہو
 تو صبر و تحمل کی جگہ ، بے صبر ہو کر
کانپنے لگتے ہو
 اور پھر جوش میں آ کر فشارِ خون اپنا
 تیز کر لیتے ہو ۔۔۔۔میں تو۔۔۔‘‘ 
’’ تم بتاؤ ،‘‘ میں نے پوچھا، ’’کوئی تم کو کشٹ دے، تو تم
 بھلا دھیرج  سے ،اطمینان سے کیسے رہو گے؟‘‘
’’میں تو، صاحب،‘‘ آٹھ سالہ بچہ بولا
’’بردباری سے ذرا پیچھے ہٹوں گا
اور کدورت تھوک کر گھر لوٹ جاؤں گا۔۔۔۔
ہنسوں گا اس غصیلے شخص کی اگیانتا  پر
جس نے مجھ کو دکھ دیا ہے!‘‘
 
یا د آیا
میں نے بھی شاید یہی سب سیکھ کر
آرام سے بچپن، لڑکپن اور جوانی  
(یعنی اپنی آج تک کی زندگی )
شاداں و فرحاں ، یوں بسر کی تھی جیسے خلد ہو، لیکن
 بڑھاپے میں نہ جانے کیا ہوا ہے 
جو میں اتنا کینہ پرور، بے بصیرت ہو گیا ہوں ؟
 تب مجھے کچھ یاد آیا، اور یکایک
آٹھ سالہ خوبرو  لڑکے کو میں نے غور سے دیکھا، یہ پوچھا
’’کون ہو تم؟‘‘
 ’’دیکھ خود کو آئینے میں 
 اے مرے ستّر برس کے
 اونچے قد والے وجودِ آشکارا  !
تم بڑے ہو کر تو مجھ سے
 اپنے قد میں اور چھوٹے ہو گئے ہو!!‘‘
٭٭٭


بے گھری


کبھی کبھی میرے ذہن میں  
ایک جانا پہچانا، دیکھا بھالا ہوا تشخص
ابھر کے آتا ہے ۔۔ میرا ہمزاد،  میرا بھائی

بجھی ہو ئی سگرٹوں کے ٹکڑے
پھٹی ہوئی جیب سے نکلنے کو جھانکتے ہیں 
کٹی پھٹی میلی jeans گھٹنوں سے گھس چکی ہے
کبھی sneaker   بھی تازہ دم تھے
مگر بہت سال باد و باراں سے لڑ جھگڑ کر
زمیں پہ سردی سے منجمد برف سے الجھ کر
یہ ادھڑے ادھڑے دکھائی دیتے ہیں ۔۔
۔۔۔(پاؤں کھدروں سے جھانکتے ہیں )
بڑھی ہوئی شیو
چھدرے بالوں کی بیخ و بن سے چپک کے جیسے
سپید لگنے کو مضطرب ہے
نہ جائے رفتن، نہ پائے ماندن
مگر مسافت ہی ایک شیوہ ہے، اک چلن ہے
کہیں ٹھہرنا
کسی علاقے میں را ت بھر سے زیادہ رکنا
چلن نہیں  ہے
یہی ہے اصلی ’مکان‘  یا ’ گھر‘ 
کہ شام سے پہلے
 جس کے اصلی مکیں کو یہ بھی پتہ نہیں ہے
کہ رات کس بینچ پر کٹے گی!

یہ دیکھا بھالا ہوا تشخص
یہ میرا ہمزاد ۔ مجھ سے اکثر یہ پوچھتا ہے
’’تمہارے بندھن۔۔۔ یہ گھر، یہ بیوی، یہ کار، بچے
بتاؤ، کیا بے گھری نہیں ہے؟‘‘
٭٭٭




بھوکا رہنے سے کوئی مرتا نہیں ہے (؟)

کافکا (1)کہتا ہے              
(شاید طنز کی دُہری زباں میں )
بھوکا رہنے سے کوئی مرتا نہیں ہے!
آٹھ دن بھوکا رہا تھا ، روس کا گوگول(2)ؔ، دیکھو
مر نہیں پایا تو اپنے پیٹ کے بل
رینگ کر دیوار تک پہنچا کہ سر ٹکرائے 
چھٹکارہ ہو اپنی زندگی سے
کافکاؔ کہتا ہے، بھوکا موت کو آواز دے، تو
موت بھی کانوں کو اپنے بند کر لیتی ہے فوراً
بھوک سے مرتے ہوئے اک شخص کو واجب ہے
اپنی پنڈلیوں کو کاٹ کھائے 
بازوؤں کا گوشت دانتوں سے چبا ئے
اپنے خوں کا قطرہ قطرہ چاٹ ڈالے
گوشت اپنا ہو ، پرایا، گوشت آخر گوشت ہی ہے
اور اس کے پیٹ کا تنّور ایندھن کو جلانا جانتا ہے ۰

کافکا کو کیا کوئی سمجھائے
(نٹ ہیمسنؔ (3)کی سیدھی سادی بولی میں )
کہ بھوکا مر نہیں سکتا
مگر باہر نکل کر مار تو سکتا ہے
موٹی توند والے گوشت کے بیوپاریوں کو!.     
٭٭٭
1. Franz Kafka   2. Nikolai Gogol   3. Knut Hamson                     
۰کافکا  کی کہانیMetamorphosis کا کرداگریگورؔ اچھا بھلا محنتی کاریگر تھا جب اسے یہ عجیب مرض لاحق ہوا اور اس نے خود کو ایک عظیم الجثہ، عجیب الخلقت بسیار خور مکوڑے کی شکل میں تبدیل کر لیا اور آخر میں جب کھانے کو کچھ نہیں ملا تو وہ بھوک سے مر گیا۔ مندرجہ بالا الفاظ کافکاؔ کے ایک انٹرویو سے لے گئے ہیں جس میں اس نے اپنی بھوک کیallegory   کا دفاع کیا۔ 
***


بیاضِ عمر

(یہ نثر نُما نظم باقاعدگی سے ’مفاعیلن، مفاعیلن‘ کی تکرار میں تقطیع کی جا سکتی ہے)

بیاضِ عمر کھولی ہے!
عجب منظر دکھاتے ہیں یہ صفحے جن پہ برسوں سے ، دھنک کے سارے رنگوں میں ، مرے موئے قلم نے گُل فشانی سے کئی چہرے بنائے ہیں ۔ کئی گُلکاریاں کی ہیں ۔ لڑکپن کے، شروعِ نوجوانی کے،  بیاض ِ عمر کے پہلے ورق سب خوش نمائی کے نمونے ہیں ۔ گلابی، ارغوانی، سوسنی، مہندی کی رنگت کے یہ صفحے ، سات رنگوں کی دھنک کے جھلملا تے وہ مرقعے ہیں کہ جن میں ہمّت  و جرات ، تہّور ، منچلا پن ، ہر چہ بادا  باد  ہر صفحے پہ لکھا ہے۔ انہی صفحوں پہ وہ گل ریزیاں بھی ہیں ، حنا مالیدہ دو ہاتھوں نے جن کی پیار سے تشکیل کی تھی اور وہ رقعے بھی جن میں پیار کا اظہار شعروں میں رقم تھا، میری پہلی عمر کی کچّی بلوغت میں ۔۔۔۔

بیاض ِ عمر کھولی ہے!
عجب منظر دکھاتے ہیں وہ صفحے بعد کے ان چند برسوں کے، کہ جن پہ میری خود آموزی و ذوقِِ حصولِ علم نے مجھ کو پڑھائی میں مگن رکھ کر،  ادب کے عالمی  معیار کا حامل بنا یا تھا۔افادی، نفسیاتی، سائنسی تحقیق کی آنکھیں عطا کی تھیں ۔ مجھے لکھنا سکھایا تھا۔  غلط آموز ہونے سے بچایا تھا۔ قواعد، بحث، خطبہ، ناظرہ کی تربیت دی تھی۔ یہ کار آموزیِ علم و ادب  تِمرین و مشقِ شعر میں ایسے ڈھلی تھی، مبتدی سے ماہر و مشّاق کہلانے میں بس چھ سات برسوں کا  فروعی وقت حائل تھا۔۔۔۔

بیاض ِ عمر کھولی ہے!
بدلتا وقت، آندھی سا، ورق ایسے پلٹتا جا رہا ہے ،مجھ کو لگتا ہے ، کوئی اک سال تو بس اک مہینے میں گذر جاتا ہے چپکے سے۔ کئی دن  ایسے آتے ہیں کہ اپنی طول عمری میں ہزاروں سال جیتے ہیں ۔۔۔۔ 

مرا سویا ہوا ذوقِ تجسس جاگ اٹھا ہے۔ ورق پلٹو تو دیکھو، (مجھ سے کہتا ہے)کسی صفحے کے مخفی حاشیے میں بھی تو کچھ تحریر ہو گا  یا کوئی پُرزہ سٹیپل سے جُڑا ہو گا ۔  کوئی  بُک مارک  شاید ہو کہ جس پر گنجلک الفاظ یا  واوین میں ، بین السطور ، امکانیہ معنی رقم ہوں  گے۔ مرا ذوقِ تجسس  چاہتا ہے اب ، بڑھاپے میں یہ پوتھی کھول ہی لی ہے اگر میں نے،  تو کچھ بھی رہ نہ جائے میری یادوں کی گرفتِ نا رسا سے!۔۔۔۔

بیاضِ عمر کھولی ہے!

یہ مخفی حاشیے ، یہ خط کشیدہ لائنیں ،  واوین میں پابند فقرے میرے جملہ قرض کے بارے میں لکھے ہیں ۔ ادائی ہندسوں کی فربہ پرتوں میں رقم ہوتی ہوئی میزان تک ایسے پہنچتی ہے کہ ہر ’فردا‘ سے ’حاضر‘ تک ،  ہر اک ’حاضر‘ سے’ آئندہ‘  کے دن تک سود ہی در سود ہے جو بڑھتا جاتا ہے۔ یہ قرضے وہ ہیں جو  میں اپنے کندھوں پر لیے وارد ہوا تھا، ایک بچہ، بالغوں کی بے ریا دنیا کی جھولی میں ۔ کہیں املاک میں ، پُرکھوں کے چھوڑے قرض ہیں ، جن کی ادائی مجھ پہ واجب تھی۔ یہ سب قرضے ادا کرنا ضروری تھا ، مگر کچھ قرض کی رقمیں ، بزعمِ خود مری شوریدہ سر طبعِ رسا نے اپنے کھاتے میں لکھی تھیں اپنی مرضی سے۔یہ راس المال جس کو پیشگی میں نے ادا کرنا تھا، حرف و صوت کا تھا ۔ لفظ کی پرتوں کا تھا۔ نظموں کے بحرِ ِعلم  میں اک غوطہ زن،  غوّاص کا سا تھا۔یہ قرضہ عالمی انشاء کے اس سلکِ بیاں کا تھا جسے اردو میں ڈھلنا تھا مری نظموں کی صورت میں !۔۔۔۔

بیاضِ عمر کھولی ہے۔۔۔۔
وہی محنت، مشقت، کاوش و کاہش، عرق ریزی۔  اٹھانا زیست کی بھاری صلیبیں نوجوانی سے بڑھاپے تک ۔ تھکے ماندے، دریدہ پاؤں من من کے، تھکن سے چور گر جانا تو پھر اٹھنا ، مسلسل  ماندگی سے مضمحل ، سانسوں کے سرگم پر پھٹے تلووں سے چلنا، چلتے جانا،  قریہ در قریہ ۔  وطن سے دور مغرب کی زمیں تک گردشِ پیہم، مسلسل  ہجرتیں ،  خانہ بدوشی،لا زمینی، بحر و بر سیر و سیاحت ۔ملکوں ملکوں ، شہروں شہروں گھومنا، شب بھر کہیں رکنا  تو اگلی صبح چل پڑنا نئے ملکوں کو شہروں کو۔  عناں برداشتہ  پا در رکاب آوارگی ،عزلت۔
یہ آتش زیر ِ پا،  حرکت پذیری آخرش لائی ہے مجھ کو اپنی جیتی جاگتی قبروں کی سرحد تک۔۔۔یہ جیتی، جاگتی قبریں مری لا مختتم ،  عمرِ دراز و مرتفع کے میل پتّھر پر دہانے کھول کر بیٹھی ہوئی مجھ کو بلاتی ہیں ۔
 کپِل وستو  کا شہزادہ، میں گوتم بُدّھ اپنا یہ جنم تو جی چکا ہوں اور شاید اس جنم کے بعد پھر اک اور ہے، اک اور ہے، اک اور ہے،۔ نروان، تو میں جانتا ہوں ،  مجھ سے کوسوں دور ہے اب بھی۔۔۔۔

بیاض ِ عمر کو اب تہہ کروں اور طاق پر رکھ دوں !       
٭٭٭



بو علی اندر غبارِ ناقہ گُم۰

 میں اگر شاعر تھا، مولا، تو مری عہدہ برائی کیا تھی آخر؟
شاعری میں متکفل تھا، تو یہ کیسی  نا مناسب احتمالی؟
کیا کروں میں ؟
بند کر دوں اپنا بابِ لفظ و معنی؟
اور کہف کے غار میں جھانکوں ، جہاں بیٹھے ہوئے
اصحاب معبودِ حقیقی کی عبادت میں مگن ہیں 
اور سگِ تازی سا چوکیدار، ان کے پاس بیٹھوں 
وحدت و توحید کا پیغام سُن کر
ورد کی صورت اسے دہراتا جاؤں ؟ 
پوچھتا ہوں 
کیا  مری مشقِ سخن ،  توحید کی ازلی شناسا 
 ؓ قرض کے بھُگتان کی داعی نہیں ہے؟ 
میں تو راس المال سارا پیشگی ہی دے چُکا ہوں 
قرض کی واپس ادائی میں 
 مرے الفاظ کا سارا ذخیرہ لُٹ چکا ہے
 شعر کو حرف و ندا میں ڈھالنا
تسبیح و تہلیل و عبادت سے کہاں کمتر ہے  مولا؟
’’شاعری جزویست از پیغمبری‘‘۔۔۔۔کس نے کہا تھا؟
میں تو اتنا جانتا ہوں 
میری تمجید و پرستش لفظ کی قرات میں ڈھلتی ہے  
تو پھر تخلیق کا واضح عمل تسبیح یا مالا کے منکوں کی طرح ہے

پھر خیال آتا ہے شاید میں غلط آموز ہوں 
 جو شعر گوئی کو عبادت جان کر اِترا رہا ہوں 
’’بو علی‘‘  ہوں ، جو ’’غبارِ ناقہ‘‘ میں گُم ہو گیا ہے!
٭٭٭
۰ بو علی اندر غبارِ ناقہ گم  :  دستِ رومی پردہ ٔ محمل گرفت۔(مولانا روم)
***



چاقو کی دھار


رواں ہے اک سائیکل کا پہیہ جو ذہن میں ہے
قصور کوکین کا ہے، بازو کی رگ میں اب جو سما چکی ہے
کلب کے ماحول میں نشہ سا گھلا ہوا ہے
وہ مسکراتی ہے، اور ہونٹوں کے خم کے پیچھے
چھپی ہوئی کوئی دعوت عام ہے یقیناً
کہ نوجواں اس کے پاس آ کر
اسے یہ کہتا ہے ۔۔
بار تک آؤ، کچھ پئیں گے
 ذرا سا ناچیں گے ،اور پھر ساتھ ساتھ جائیں گے۔۔
 میرے کمرے میں رات بھر کو !
وہ کچھ نہیں کہتی،اس کے کندھے پہ ہاتھ رکھے
(کہ جیسے خود کار ایک کل ہو)
شراب خانے کی سیڑھیوں سے اترتی ہے تو
وہ لڑکھڑاتی ہے لمحہ بھر کو۔۔۔۔
رواں ہے اک سائیکل کا پہیہ، جو ذہن میں ہے!

حریری پردوں سی خواہشیں ، بے نقاب جیومیٹری بدن کی
لباس بکھرا ہوا ہے قالین پر، مگر عضو عضو میں اک

ابال، اینٹھن، تڑپ، تشنج کی کیفیت ہے
اک آگ سی ہے جو بہہ رہی ہے رگوں میں اس کی!

ڈری ہوئی، چیخنے کو جی اس کا چاہتا ہے
کہ باتھ سے اپنا گاؤن پہنے نکلنے والا
توہ وہ نہیں ہے، جو بار میں تھا
کہ ایسا بن مانسوں کا چہرہ
تو اس نے اک بار zoo   میں دیکھا تھا ۔۔
جب وہ تیرہ برس کی اسکول سے گئی تھی
کہ تب بھی ا س کو خیال آیا تھا۔۔
کہ یہ ہوس کار وحشی گوریلا کیا کرے گا
اگر یہ اس کو اٹھا کے لے جائے جھاڑیوں میں ؟

وہ دیکھتی ہے کہ اس کا گوریلا ڈھیلے gown کو کھولتا ہے
پھر اپنا چاقو نکالتا ہے
تبھی اسے یہ خیال آتا ہے لمحہ بھر کو
کہ وہ تو پہلے سے جانتی تھی
کہ rape اور قتل دونوں کا انحصار چاقو کی دھار پر ہے!
٭٭٭



جل پریاں 
مانےؔ کی پینٹنگ Nympheasکا  ایک شعری تاثر

نہاتی ہوئی
خوش نمائی سے، نخوت سے
کچھ غیر محجوب، کچھ بے تکلف
یہ اندر سبھا کی کج انداز پریاں 
جو مانےؔ کی تصویر میں خندہ زن
غسل کے موج میلے میں اٹھلا رہی ہیں 
خوشا، مرحبا، میری اس نظم کی شانِ تخلیق ہیں 

نہاتی ہوئی
جھیل کے پانیوں میں چٹانوں پہ نازک بدن تھرتھراتے ہوئے
یہ تعلّی، رعونت سے اٹھی ہوئی شیشہ وش گردنیں 
جیسے شفاف الماس، یاقوت گھڑ کر بنائی گئی ہوں 
سہاگن کوئی باکرہ سی کنواری
 بیاہی ہوئی شعلہ زا آگ جیسی  
برہنہ بدن سادگی کی حریری قباؤں میں لپٹا ہوا، بے تصنع 
عجب آب و آتش کا سنگم ۔ بھڑکتا،جھلکتا، چمکتا، سجیلا! 

اگر پیرِ صد سالہ بھی دیکھ لے یہ مرقعے نسائی بدن کے
تو شاید
مصور کی مانند  ( یا  شاعرِ نظم گو کی طرح)
 پھر جوانی کی مستی سے سرشار ہو
(شرط  بینائی کی ہے!!)
٭٭٭
Claude Monet (1840-1926) French Painter
***


۰’’کو  دا  گراس‘‘

وہ ہاتھ جس نے
ہزار ہا  بار اپنے خنجر سے مجھ کو زخمی کیا تھا پہلے
وہ ہاتھ اب بھی اٹھا ہوا ہے
میں بے بس و بے سہارا نیچے پڑا ہوا ہیں 
نہ مر رہا ہوں 
نہ جی رہا ہوں 

عجیب حالت ہے۔۔
صرف گنتی کے کچھ نفس ہی بچے ہوئے ہیں 
 تڑپ تڑپ کر بھی تھک گیا ہوں 
 رکا ہوا ہوں فقط اسی آس کے سہارے 
 اٹھے ہوئے ہاتھ اور خنجر کا فیصلہ کن ہی وار مجھ کو
 رہائی دے گا!

وہ دیکھتا ہے مری اذیت
عجیب بیگانگی سے جیسے 
یہ کہہ رہا ہو 
کہ پہلے اپنا حساب چکتا کرو، تو جاؤ!

اٹھے ہوئے ہاتھ اور خنجر کی سمت گھائل پرند سا میں 
بڑی اذیت سے دیکھتا ہوں 
 زبان دانتوں تلے ہے، میرے گلے میں کانٹے اگے ہوئے ہیں 
 مگر اسے یہ خبر نہیں ہے
 کہ ایسی حالت میں صرف ’کو  دا  گراس‘ کا راستہ ہی میرے لیے
 رہائی کا راستہ ہے!

وہ کیسے سمجھے کہ وہ بھی اک مخمصے میں شاید پھنسا ہوا ہے
 کہ مار کر بھی وہ خوش نہیں ہے
 کہ زندہ رکھنا بھی اس کو لگتا ہے بار خاطر!
٭٭٭
Coup d' Gace  *
***



(crossing)کراسنگ


سڑک پار کرنے کی خاطر
شاہراہ کے ایک کنارے
ٹنڈ منڈ سا
جھڑا جھڑا سا
کھڑا ہوا اک کبڑا بوڑھا رکا ہوا ہے
سڑک پہ جیسے کاروں کے دریا بہتے ہیں 
شور و غل ہے
دوڑ لگانے میں مصروف ہیں 
پھٹ پھٹ کرتے
کالے زہر آلود دھوئیں میں ڈوبے لاکھوں ڈیزل انجن
چیخ چیخ کر ہارن اسے کہتے ہیں ۔۔
’’آگے مت بوڑھے!‘‘
بھونک بھونک کر بھونپو  غرّانے لگتے ہیں 
’’ایک قدم آگے آئے تو
پہیوں میں کچلے جاؤ گے!‘‘

کھینچ کے اپنی عینک ماتھے پر رکھتا ہے
پھر نیچے آنکھوں پر لا کر


چندھیائی نظروں سے کاروں ، ڈیزل انجنوں کو تکتا ہے
پیاس سے جیسے حلق میں کانٹے اگ آئے ہیں 
گرمی سے ہلکان ہوا ہے

شاہراہ کے پار کہیں بوڑھے کا گھر ہے
جس میں اس سے پہلے جانے والے
اس کے ماں جائے سب بھائی بہنیں 
پہنچ چکے ہیں 
کیسے پار کیا ہو گا ان لوگوں نے اس شاہراہ کو؟

ایک قدم آگے بڑھتا ہے
رک جاتا ہے
ایکا ایک اسے لگتا ہے، کوئی اس کے پاس کھڑا ہو
اس کی ماں جیسی اک عورت
پیار سے اس کا ہاتھ پکڑ کر یہ کہتی ہے
’’آ، میں تجھ کو سڑک پار کروا دوں ، میرے ننھے بیٹے!‘‘
٭٭٭





دائرہ در دائرہ

 عاقبت منزل ما  وادیِ خاموشاں است 
حالیہ  غلغلہ  د ر  گنبد  افلاک  انداز
لکیروں کے چکر میں محبوس اک دائرہ ہے
لکیریں بہت تیز رفتار سے گھومتی ہیں 
مدار اپنا لیکن نہیں بھولتیں اس سفر میں 
کہاں سے ہوا تھا شروع سفر دائرے کا؟
کوئی ایک   cell  تھا، جو آغاز تھا، ابتدا تھی؟
کوئی مدعا تھا کہ ساری لکیریں 
 بہت تیز رفتار سے گھوم کر دائرہ اک بنا لیں ؟ 
نہیں ! کچھ نہیں ! کوئی معنی و مقصد نہیں تھا۔۔۔۔
فقط دائرہ بن گیا تھا
جو اپنی ہی دھن میں 
لگاتار اک اندھی رفتار سے 
سالہا سال سے گھومتا جا رہا ہے!

مگر قرۃالعین سا دائرے کے کہیں وسط میں ایک باریکس سا cell 
تواتر سے تحریک لیتا ہوا
کچھ دنوں سے مدار اپنا طے کر کے خود گھومنے لگ گیا ہے
نیا دائرہ اک ہویدا ہوا ہے
بڑے دائرے کی حدوں میں مقید
نیا دائرہ گول آکار میں گھومتے گھومتے
تیز آندھی کی رفتار سے اپنا رقبہ بڑھاتے بڑھاتے
بڑے دائرے کی لکیروں کو چھونے لگا ہے
کبھی اس کی رفتار میں جذب ہوتا
کبھی اس سے ٹکرا کے حد بندیاں پار کرتا ۔ پلٹتا،  مگر
اک بگولے کے مانند باہر نکلنے کو اب چھٹپٹانے لگا ہے
بہت شور و غوغا ہے دو دائروں کے تصادم کا ۔۔۔۔
چنگاریاں اٹھ رہی ہیں !

کہو،  میرے’’ میں ‘‘   کے بگولے
مرے سر کے گنبد سے آزاد ہونے میں اب دیر کیا ہے؟
٭٭٭
 ۔۔۔راقم الحروف پراسٹیٹ کینسر کے موذی مرض سے بر سر پیکار ہے۔ اللہ سے دعا ہے کہ وہ مجھے اس میں فتح یاب کرے اور مکمل صحت عطا فرمائے۔
۔۔۔یہ نظم بھی اپنی بیوی پروملا آنند کی ۵  اپریل کو وفات کے فوراً بعد لکھی گئی



دَوِنچی کوڈ

ایک بوڑھی دائی نے
کچھ بیس صدیاں پیشتر
اک نوجواں کو
گھر کے اندر سے پکارا تھا ۔۔ ’’اٹھو، جاگو
ذرا  آ کر تو دیکھو 
اپنی بیوی، میری میگدالینؔ  کو،  جو ماں بنی ہے
اس پہ رحمت کی پھواریں پڑ رہی ہیں 
اور اس کی گود میں یہ چاند سا نورِ نظر ،  بچہ تمہارا
ان گنت صدیوں سے بھی آگے تمہارے نام کا وارث رہے گا!‘‘
اک نظر بچّے کی جانب دیکھ کر،  چُپ چاپ عیسیٰ
’(کہنے والے یوں بھی کہتے ہیں کہانی!)
الٹے پاؤں گھر سے باہر آ گیا تھا!

کیا کرو گے تم ’’دَوِنچی کوڈ‘‘ پڑھ کر؟
مجھ کو دیکھو
مجھ سے پوچھو
میں جو عیسیٰ کا براہِ راست وارث  ۔  آل اس کی
ایک سو پشتوں سے اس کا نام لیوا
جس کا پاکیزہ لہو میرے رگوں میں بہہ رہا ہے
آج بھی اس کے ہی اصلی نام سے زندہ ہوں ، لیکن
’’سبط  ِ اللہ‘‘ کو کوئی پہچاننے والا نہیں ہے!
٭٭٭
(یہ نظم پہلے انگریزی میں چھپی)
***




فَتَکلّمُواَ تُعرَفُوا

کلام کرو  تا کہ پہچانے جاؤ۔۔۔۔۔۔ حٖضرت علی  کرم اللہ وجہہ

طبیب بھنبھنا گیا
میں سب علاج کر کے تھک گیا ہوں 
پریہ بچہ بولتا نہیں 
 زبان اس کی تندرست ہے
 کہیں بھی کوئی رخنہ، کوئی نقص، میں نہیں سمجھ سکا
بدن بھی تندرست ہے مگر یہ نو نہال چار سال کا 
اشاروں سے ہی بات کرنا جانتا ہے، کیا کروں ؟
 اسے کسی سپیشلسٹ کے پاس لے کے جایئے! 

یہ میں تھا چار سال کا  ! 
مری زبان بند تھی
 کلام مجھ سے جیسے چھن گیا تھا پہلے دن سے ہی
جو دو برس کا مجھ سے چھوٹا بھائی تھا وہ خوب بولتا تھا، پر 
نہ جانے کیسے میری جیبھ گُنگ تھی
 میں صم بکم تھا، بے زبان، دم بخود
 کہ۔جیسے چُپ کا روزہ رکھ کے جی چکا تھا چار سال کی یہ عمرِ مختصر

عجیب معجزہ ہوا کہ ایک دن 
میں اپنے گھر کی ڈیوڑھی میں صم بکم کھڑا  ہوا 
تماشہ دیکھتا تھا اک جلوس کا  
علم اٹھائے جس میں لوگ ’’یا حسین‘‘  ’’یا حسین‘‘ کہتے
 سینہ پیٹتے،  لہو لہان ۔۔۔جا رہے تھے 
اور میں ۔۔۔۔۔۔جسے زبان آوری کا کچھ پتہ نہ تھا 
نہ جانے کیسے اس سکوت کے اندھیرے غار سے نکل کے بول اٹھا۔۔۔
’’حسین!  یا حسین!  یا حسین!!‘‘  
۔۔۔۔اور پھر مرا سکوت 
نطق میں ،  کلام میں ، سخن میں ڈھل گیا
میں صاف بولنے لگا!!
 (لکھنؤ میں سنی ہوئی ایک سچی کہانی کی شعری داستان)
٭٭٭



گاڑی تمہاری آ گئی ہے!

۱
بینچ پر بیٹھا ہوا ہوں 
اک اکیلا، یکسر و تنہا، یگانہ
برف شاید رات بھر گرتی رہی ہے
اس لیے تو میرا اوور کوٹ، مفلر اور ٹوپی
برف سے یوں ڈھک گئے ہیں 
جیسے ان کی بیخ و بن میں 
اون اور برفوں کے تار و پود یکجا ہو گئے ہوں 
سانس نتھنوں سے نکلتا ہے تو جیسے
برف میں تحلیل ہو کر
پھر مرے نتھنوں کے اندر تک رسائی چاہتا ہے
ہاں ، بہت دقّت طلب ہے
آنکھ کے وزنی پپوٹے کا ذرا سا کھل کے باہر دیکھنا
بس ایک لمحے کے لئے ہی
ہاں ، بہت دقّت طلب ہے!
کھول ہی لیتا ہوں آخر
دور تک بس برف کے انبار ہیں 
جو ریل کی پٹڑی کو بالکل ڈھک چکے ہیں 
دائیں بائیں اور بھی کچھ بینچ ہیں 
لیکن سبھی خالی پڑے ہیں 
ریلوے کا یہ سٹیشن
صرف اک جانب سے آنے والی گاڑی کا کوئی ادنیٰ پڑاؤ
منتظر ہے، منجمد ہے، آدھا سویا اور آدھا جاگتا ہے!

۲
آنکھ کا وزنی پپوٹا بند ہونا چاہتا ہے
اور تب اک برف کا کورا ہیولیٰ
میری انگشت شہادت کو پکڑ کر
مجھ سے کہتا ہے ۔ چلو، آؤ
اٹھو، گاڑی تمہاری آ گئی ہے!!
٭٭٭
نوٹ:  Death Wish Theme پر یہ نظم میری بیوی پروملا آنند کی موت کے دوسرے دن لکھی گئی۔  س۔پ۔آ


گیتا گیان

میں تو اب بھی بول رہا ہوں 
سننے والا کوئی نہیں ہے!

خاموشی کی ’لانگ گرامر‘   ۱؎
یا ذہنی تصویروں کا ما بعد اسطور۱      ۲؎
کس کس سے میں صوت و ندا کے
 کُن فیکون میں بات کروں گا
میں کہ خدائے صور و صدا ہوں 
اب بھی اک لا صوت اندھیرے چاہ میں 
اک جلتی مشعل سا
آگ کی لپٹوں کی بھاشا میں 
اک ویاکھیان دیے جاتا ہوں 
اپنا گیان دیے جاتا ہوں 

کنوئیں کے باہر
لاکھوں ارجنؔ اس کی منڈیر پہ 
اپنے دھنُش زمیں پر رکھے
چپ بیٹھے ہیں 
لیکن سب بہرے ہیں شاید!

 چار چہرے گھنٹہ گھر کے
چار چہرے گھنٹہ گھر کے
چار گھڑیاں 
گھنٹہ گھر جو چار سڑکوں کی لپکتی، بے تحاشا دوڑ کے سنگم پہ
سر اونچا کیے یوں ایستادہ ہے کہ جیسے
بھاگتی، بے دم بسوں ، کاروں کو اپنے گرد چلتی کیڑیوں سا دیکھتا ہو

چار چہرے گھنٹہ گھر کے 
چار گھڑیاں !

اک گھڑی رفتار میں یکساں ہے۔۔۔۔
اک جانب رواں ہے
وقت کی چوٹی پہ چڑھتی ہے تو بارہ تک پہنچ کر
سِسی فُسؔ کی طرح نیچے کو لڑھکتی
چھہ کی کھائی  میں اترتی ہے تو پھر اک بار 
اونچے نردباں کا زینہ زینہ
 خندہ پیشانی سے چڑھتی
اپنی پر اسرار منزل ڈھونڈھتی ہے
 
دوسری کچھ ایسی کوتاہی سے چلتی ہے کہ جیسے
اس کی سوئیاں الٹی جانب بڑھ رہی ہوں 
وقت کی یک سمت حرکت اس کے مسلک میں نہیں ہے
 تین ہوں یا نو بجے ہوں ، سات ہوں یا اک بجا ہو
وقت کی یکسانیت یا ثانویت ایک سی ہے
اس گھڑی میں پیشگی یا واپسی کچھ بھی نہیں ہے 
 حال ماضی میں مقید اور مستقبل میں مدغم
 ایک وحدت، مجموعہ ہے!

تیسری کے وقت کا واحد وسیلہ 
دیکھنے والے کی نظروں میں نہاں ہے

دیکھنے والا اگر چاہے کہ بارہ ہی بجے ہوں 
تو گھڑی بارہ بجاتی ہی نظر آئے گی اس کو!
اس گھڑی کے پاس اک ہمدرد دل ہے
جو اسے ناظر کے دل سے جوڑتا ہے

اور چوتھی
 اپنی ٹن ٹن کے سہانے گیت میں ایسے مگن ہے
اس کو سوئیوں کو چلانے کی کوئی فرصت نہیں ہے 
ٹھس کھڑی دن رات اک گھنٹہ بجاتے
رک گئی ہے
اس گھڑی کی دونوں سوئیاں بارہ کی چوٹی پہ چڑھ کر
ایک سوئی بن گئی ہیں 

گھنٹہ گھر کے چار چہرے
چار گھڑیاں 
وقت کی نا منقسم  وحدت کی شاہد
اپنا اپنا سچ دکھاتی چل رہی ہیں !
٭٭٭
۱ ؎    Long Grammar۲؎  Meta-Myth
***


   
ھل من ناصرًا ینصر نا


میں نہیں چاہتا ٹوٹنا پھوٹنا
میرا ڈھانچہ تو اس چکنی مٹّی کا ہے 
جو مرا کوزہ گر گوندھ کر مجھ کو 
  اک ظاہری وضع ،اک شخصیت دے گیا
عزو بندی مری شیشہ وش ہے،  اسے
ٹوٹنے سے بچائے گا اب کون،  اے کوزہ گر؟

میرے چاروں طرف حملہ آور عدو ہیں ہتھوڑے اٹھائے ہوئے
مفسدوں ،حاسدوں کے گروہوں کا بس ایک ہی عزم ہے
 مجھ کو توڑیں ، مجھے ریزہ ریزہ کریں 
جان سے مار دیں 

 کوزہ گر  ،تو نے جب
مجھ کو تشکیل دی تھی تو اتنا تو کرتا
مجھے اک مبارز بناتا
مرے ہاتھ میں ایک تلوار دیتا
کہ اپنی حفاظت مرا کام ہوتا
مگر میں نہتّا، اکیلا کھڑا دیکھتا ہوں 
عدو چاروں جانب سے یلغار کرتے ہوئے آ رہے ہیں 

میں نہیں چاہتا ٹوٹنا پھوٹنا، میرے مولا، مرے کوزہ گر!
٭٭٭
( یہ دعایہ نظم پراسٹیٹ کے سرطان سے نبرد آزمائی کے دنوں میں لکھی گئی)
***



ہپ ہپ ہرّے


ہپ ہپ ہرّے!
ہپ ہپ ہرّے!
وہ دیگر گوریلوں کی مانند 
(جو اس کے ساتھ صفوں میں کھڑے ہوئے ہیں )
اپنی مخروطی ٹوپی کو
ہوا میں اونچا پھینک کے زور سے چلّاتا ہے
’’میں نے اپنی فوجی تربیت کی ڈگری حاصل کر لی!
اب میں برّی فوج کا افسر کہلاؤں گا
اور جنگ میں 
دشمن انسانوں کا ملیا میٹ کروں گا!‘‘

ہپ ہپ ہرّے!
اس کے چاروں سمت قطاریں باندھے
کھڑے ہوئے گوریلے
اپنی ٹوپیاں یوں اچھال کے چلّاتے ہیں 
جیسے ابھی سے جنگ کے میداں میں لڑنے کو اتر رہے ہوں 

فوجی بینڈ کی دھن پر گاتے
مکّے کس کر ہاتھ ہلاتے
سارے کیڈٹ ’کانووکیشن ہال‘ سے باہر آ جاتے ہیں 

باہر اک میلے کا سماں ہے
گوریلے کیڈٹ اپنے بھائی بہنوں 
احباب، دوستوں ، والدین سے گھر جاتے ہیں 
ان کے استقبال کی خاطر آنے والے
شیمپٔین کے کاگ نکالے، جھاگ اڑاتے
چلّاتے ہیں 
’’ہپ ہپ ہرّے!‘‘

ہال کے اندر 
ہوا میں پھینک گئی ٹوپیاں 
فرش پہ چاروں سمت پڑی ہیں 
جیسے دشمن انسانوں کی
بکھری لاشیں کچلی پڑی ہوں !

٭٭٭
اس نظم کی تحریک (ترغیب؟) تو انگریزی فلمPLANET OF THE APES  سے ملی، لیکن کانووکیشن ہال اور باہر کا منظر یونیورسٹی پروفیسر کے طور پر راقم الحروف کا دیکھا بھالا ہوا ہے۔ (س۔پ۔آ)
***




۱۔۔ حسن اور حیوان

کون تھا وہ؟
کوئی اگلا؟ کوئی پچھلا؟
کون تھا وہ؟
کوئی پچھلا جس نے تم کو
پہلی کچی عمر میں زخمی کیا تھا؟
اور پھر ہنستا ہوا، بازو چھڑا کر
تم سے رخصت ہو گیا تھا؟
(جانور ہنستے نہیں ہیں ، تم نے سوچا بھی تھا، لیکن
روتے روتے تم بھی شاید ہنس پڑی تھیں !)

ّآج تک تم
کتنے ماہ و سال اس کے بس کی تلچھٹ 
 (ایک کڑوی یاد کے مانند جیسے)
اپنے اندر گھول کر پیتی رہی ہو
(اور اک امید پر جیتی رہی ہو!)

آج پکی عمر میں اک بار تم سے
پھر اگر وہ آ ملا ہے
تو سمجھ لو 
’ حسن اور حیوان ‘ میں اک باہمی رشتہ ہمیشہ سے رہا ہے
اور وہ اک دوسرے کو
شیکسپیئر کے زمانے سے ابھی تک
ڈھونڈتے آئے ہیں ۔۔۔
(نا مکمل)
٭٭٭
Beauty and the Beast..1
***



انّا لّلہ و انّا علیہ راجعون


ایک مردہ تھا جسے میں خود اکیلا
اپنے کندھوں پر اٹھائے
آج آخر دفن کر کے آگیا ہوں 
بوجھ بھاری تھا مگر اپنی رہائی کے لئے
بے حد ضروری تھا کہ اپنے آپ ہی اس کو اٹھاؤں 
اور گھر سے دور جا کر دفن کر دوں 

یہ حقیقت تھی کہ کوئی واہمہ تھا
پر یہ بدبو دار لاشہ
صرف مجھ کو ہی نظر آتا تھا، جیسے 
ایک نا دیدہ چھلاوہ ہو، مرے پیچھے لگا ہو
میرے کنبے کے سبھی افراد اس کی 
ہر جگہ موجودگی سے بے خبر تھے
صرف میں ہی تھا جسے یہ
ٹکٹکی باندھے ہوئے بے نور آنکھوں سے ہمیشہ گھورتا تھا

آج جب میں 
اپنے ماضی کا یہ مردہ دفن کر کے آ گیا ہوں 

کیوں یہ لگتا ہے کہ میرا
حال بھی جیسے تڑپتا لمحہ لمحہ مر رہا ہو
اور مستقبل میں جب یہ حال بھی ماضی بنے گا
مجھ کو پھر اک بار اس مردے کو کندھوں پر اٹھائے
دفن کرنے کے لئے جانا پڑے گا!
٭٭٭



اِنِّی کُنُت مِنَ الظَّالمَین


کہا کس نے ستم کے دن کبھی دائم نہیں رہتے؟
(خدا کو ماننے والا وہ شاعر جو مرے اندر نہاں ہے ۔۔پوچھتا ہے)
کہا کس نے کہ استبداد  اک ضمنی حقیقت ہے؟
کہا کس نے تشدد، بربریت، کم بقا کچھ سانحے سے ہیں 
ہمیشہ جو نہیں رہتے
فقط نیرنگ ہیں ۔۔۔کچھ دن رہیں گے
اور پھر داد  و  ستد، انصاف کی فرمانروائی لوٹ آئے گی؟
مگر میں دیکھتا ہوں ہر طرف بس ایک منظر ہے
(وسیع القلب انساں جو مرے اندر نہاں ہے،پھر یہ کہتا ہے)
عوام الناس  سر کو  نیوڑھائے ، منہ چھپائے
عاجز و مسکین بیٹھے ہیں 
 سبھی خوّاص اپنی بے مروّت خود نمائی میں 
 انانیت سے ایسے دندناتے پھر رہے ہیں 
 جیسے مالک ہوں جہاں کے!

ہوا کیا ہے؟
مرے مولا کہ ہم جو عاجز و مسکین ہیں 
اپنی جبیں سائی میں یوں مصروف ہیں 
اتنا بھی دل گردہ نہیں رکھتے

کہ ان فرعون زادوں سے یہ پوچھیں ، کون ہو تم؟ 
مگر یہ حوصلہ کب ہے کسی میں ؟
لوگ تو رنجور بیٹھے ہیں 
کہ جب قبریں بلائیں گی
تو سر پر خاک اوڑھیں گے!
٭٭٭


جھوٹ کے ہونے کا سچ

 ( یہ اخلاقی نظم مولانا ا سماعیل میرٹھی کے ایما پر لکھی گئی)

 کل کا نستعلیق بچہ
ننگے حاکم کو کھُلے بندوں برہنہ
کہہ کے سچائی کو ننگا کرنے والا
بے ریا،  نا آشنا اُس جھوٹ سے، جو
بالغوں کی روز مرّہ زندگی پر دھند سا چھایا ہوا ہے

کل کا نستعلیق بچّہ
جس نے پہلا جھوٹ بولا تھا،  تو پھر کتنے دنوں تک 
خود سے تاریکی میں ملنے سے بھی گھبراتا رہا تھا
پھر جب اس نے
جھوٹ کے ’ہونے‘ کے سچ کو
مان کر خود سے بھی یہ منوا لیا تھا
جھوٹ اک لمحے کا سچ ہے
تو اسے جیسے تسّلی ہو گئی تھی

کل کا نستعلیق بچہ آج یہ پہچانتا ہے
ننگے حاکم کو اگر اس کے مصاحب
سارے درباری، عوام الناس کہتے ہیں 
۔۔۔۔۔کہ وہ ننگا نہیں ہے
تو یہ اُس لمحے کا سچ ہے
اور اس سچ کی یہی پہچان کافی ہے، کہ اس کو
لوگ سارے مانتے ہیں 

آج جب وہ
بالغوں کی روز مر ہ  زندگی کا
ایک حصہ بن چکا ہے
اب شکستہ خامہ فرسائی کا ماہر،۱ک لکھاری
کالموں اور سرخیوں کا راقم و راوی
برہنہ حاکموں کو بھی بہت خوش پوش لکھ کر
یہ سمجھتا ہے کہ وہ سچ لکھ رہا ہے!
٭٭٭
(ہانس اینڈرسن  Hans Anderson کی ایک کہانی کے تناظر میں لکھی گئی)


جو’ شیطانچے ‘بند صندوق میں ہیں 


یہ شیطاں کے بچے
یہ شیطانچے، ایک صندوق میں بند بیٹھے ہوئے ہیں 
یہ صندوق ایسا طلسمات کا میوزیم ہے
جو اک شخص کندھوں پہ اپنے 
اٹھائے ہوے چل رہا ہے
طلسمات کے اس پٹارے کے اندر
’سوچ بورڈ‘ پر بیٹھے شیطانچے یہ
کسی بھی ’سوچ‘ کو اتاریں ، لگائیں 
کوئی سا بٹن بھی اٹھائیں ، دبائیں 
وہی جانتے ہیں کہ ان کا تسّلط ہے اس میوزیم پر
  پٹارے کے اندر سے صادر ہوئے اور نیچے
لگاتار بے تار برقی سے پہنچے ہوئے
سارے حکموں کی تعمیل اس شخص پر لازمی ہے
جو کندھوں پہ اس کو اٹھائے ہوئے چل رہا ہے
شیاطیں کے احکام میں شر کی تلقین۔۔۔
اوّل ہدایت ہے، پہلا فریضہ!

یہ شیطانچے کب گھسے تھے پٹارے کے اندر
۔۔۔خدا جانتا ہے
(اگر جانتا ہے
تو کیا اس کی اپنی رضا اس میں شامل نہیں تھی؟)
مگر نسل در نسل
لاچار، درماندہ یہ شخص
اپنے پٹارے میں بیٹھے ہوئے فتنہ گر غاصبوں کے
سبھی نجس و نا پاک احکام کو مانتا ہے

تو اس شخص کی اب رہائی ہو کیسے؟
کوئی وا گزاری؟
کوئی خوں بہا، جو انہیں پیش کر کے وہ پیچھا چھڑائے؟
فقط ایک رستہ اسے سوجھتا ہے
کہ خود اپنی گردن 
بریدہ کرے
اس طلسمی پٹارے کو نالی میں پھینکے
پھر اپنے کٹے دھڑ پہ خود اختیاری کی دستار رکھ دے!!
٭٭٭



کب تلک سوتے رہو گے؟’’لوہا کُٹ‘‘

(بلونت گارگی (مرحوم)کے پنجابی ناٹک ’’لوہا کُٹ‘‘ کے ایک سین پر مبنی)

دھونکنی کی مَشک کے دو پھیپھڑوں میں 
بِلبِلاتی ڈائنوں جیسی ہوا کو قید کر کے
دونوں ہاتھوں سے دبا کر جب وہ بھٹّی پھُونکتا ہے
اس کو شعلوں کے بھڑکتے دل میں اپنے تخت پر بیٹھا ہوا 
آہن گروں کو پالنے والا نظر آتا ہے جس کو
 رہتی دنیا سے فقط لوہار ہی پہچانتے  ہیں 
’’لوہا کُٹ‘‘ یہ جانتا ہے
اس کے آہن گر قبیلے کا اگر کوئی خدا ہے
تو وہ اس کی شعلہ زا بھٹّی
پگھلتے سُرخ رُو لوہے کی ڈلیوں 
اور ہتھوڑے میں نہاں ہے

اس خدا کی اپنی اک خوشبُو ہے، اپنی واشنا ہے
جو بھڑکتی آگ میں مشکوں کی دونوں ڈائنوں کی چھاتیوں سے پھُوٹتی ہے
اور اس خوشبُو کو اس کے پھُولتے نتھنے
  برابر سُونگھ کر، پہچانتے ہیں 

جب بھی لوہے کی دہکتی سُرخ رُو پتلی ڈلی کو وہ دما دم کُوٹتا ہے
آگ میں بیٹھے خدا سے پوچھتا ہے
  وہ  جو اک زندہ ڈلی تھی، اب کہاں ہے؟
میری لوہارن تو کب کی مر چکی ہے!
٭٭٭


کند خنجر

تیل چُپڑا، اور پھر ریتی سے رگڑا
ریگماروں کے کئی  ’پلتے‘   گھِسائے
اس کے سر پر ہاتھ پھیرا
پیار سے پھر تھپتھپا کر ا س کو پچکارا، کہا
یوں کب تلک سوتے رہو گے؟
نیند کو آرام مت سمجھو
کہ زندوں کے لیے آرام نا ممکن ہے اپنی زندگی میں !
تم ہی تھے جو کل تلک اونچی چھلانگیں مارتے تھے
مستعد ، تیّار، ہر اک دوڑ میں اوّل
تمہارا کوئی بھی ثانی نہیں تھا
اب تمہیں کیا ہو گیا ہے؟
سر کو نیوڑھائے، گئے گُذرے  ہوئے ڈھیلے  پڑے ہو
اب اُٹھو، اک باغیانہ عزم سے آگے بڑھو ۔۔۔۔
جینا ہے تم کو!

کند خنجر
 نا تواں ، مریل سا  بدھیا
 زنگ خوردہ کتنے برسوں سے پڑا تھا
ہا تھ کی ریتی سے ،  چُپڑے تیل سے گر صاف ہو جاتا تو کچھ صورت نکلتی!!
٭٭٭
(یہ نظم ایلن گِنز برگ اور ساقی فاروقی کے ایما پر لکھی گئی)
***




تہہ شدہ رومال جانے اب کہاں ہے!

گھر بنانے میں اسے برسوں لگے تھے
سب سے پہلے گھر کی بنیادوں کے پتھر
پانچ دریاؤں  کے چٹیل ساحلوں سے چُن کے لایا
ان پہ اپنا نام کندہ کر کے بنیادیں بنائیں 
چار دیواری کھڑی کی
طاق ، دروازے، تراشیدہ دریچے اور روشندان جَڑ کر
دھوپ سے، تازہ ہوا سے گھر کو جیسے ذی نفس کی زندگی دی!

اور پائیں باغ کی پھر ابتدا کی
سبز پودے، گلبدن  لہراتی بیلیں 
تتلیاں ، بھنورے، پرندے
صبح کی شبنم 
سہانی سردیوں کی دھوپ کے ٹکڑے سنہرے
اور بچوں کے لیے قوسِ قزح سا ایک جھولا!

آسماں کا ایک ٹکڑا کاٹ کر
چوکور سا رومال کی مانند پھیلایا
نئے گھر اور پائیں باغ کو اس میں لپیٹا ۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔اور پھر وہ چل دیا
ان دور کے ملکوں میں 
جن میں سال کے بارہ مہینے
اک ٹھٹھرتی رُت، سمٹتی دھوپ،  یخ بستہ ہواؤں کا چلن تھا!

اب زوالِ عمر کا مارا ہوا وہ ایک بوڑھا
برف زا موسم میں سردی اوڑھ کر بیٹھا ہوا ہے 
تہہ شدہ رومال جانے اب کہاں ہے؟

کون ہے وہ ستیہ پال آنند صاحب؟
٭٭٭
(’’آجکل‘‘ ۳۔اگست ۔۲۰۰۹ء



    
خود کو میں کیسے پہچانوں ؟

کیسے میں زمروں ، خانوں میں خود کو بانٹوں ؟
کیسے میں تقسیم کروں اس شخص کی، جس کو
والدین نے انجانے میں 
ستیہ پال آنند کا نام دیا تھا اس کی پیدائش پر؟

آنکھیں ، چہرہ اور پیشانی
اپنی ماں کی دین ہے مجھ کو
اجلا رنگ ملا ہے اپنے باپ سے مجھ کو
کس زمرے میں ماں کو رکھوں ؟
باپ کو کس خانے میں سجاؤں ؟
پھر اپنے دادا، دادی، نانا، نانی کو
اور پھر ان کے والدین کو
پھر ان کے پچھلے پرکھوں کے چہروں کو کیسے پہچانوں ؟
کیسے یہ تفتیش کروں ، میرے چہرے میں 
کس کا، کیا کچھ، کتنا حصہ در آیا ہے!

ذات، گوت، کنبہ، ہم خویشی
نسل، امومت یا ابویت

ایک بھیڑ ہے، اک بکھراؤ
امڈ گمڈ  بھرمار  سی ۔۔
ٹھٹ کے ٹھٹ پرکھوں کے کھڑے ہوئے ہیں 
یہ سب نسلیں ، نردبان سی
صدیوں تک نیچے سے اوپر
چڑھ کر مجھ تک آ پہنچی ہیں 

خلط ملط، مخلوط ہوں نسلاً
ٹوٹ ٹوٹ کر ، جڑا جڑا سا
خود کو میں کیسے پہچانوں ؟
٭٭٭



لفظ کیا تھا؟


لفظ کیا تھا؟
لفظ کمپیوٹر کے مانیٹر سے ابھرا تھا، مگر پھر
اپنی آنکھیں پھیر کر چپ چاپ غائب ہو گیا تھا
لفظ کو اچھی طرح سے جانتا ہوں 
اس نے خود سے یوں کہا جیسے کسی سے
بات کرنے کا بہانہ ڈھونڈتا ہو
لفظ کا چہرہ مرا دیکھا ہوا ہے!
اس نے خود سے پھر کہا، سوچا ذرا سا
اور پھر ’کی بورڈ‘ پر تیزی سے اپنی انگلیوں کو
رقص کے سرگم میں ڈھالا
اور مانیٹر کو دیکھا ۔ پر وہاں کچھ بھی نہیں تھا
لفظ کمپیوٹر کی گہری جھیل میں گم ہو گیا تھا!

آؤ، اندازہ لگاتے ہیں کہ آخر لفظ کیا تھا
اس نے پھر خود سے کہا، آنکھیں ملیں مٹھی سے، سوچا
کیا تھا آخر؟
کراس تھا؟ یا ماہ نو تھا؟
یا ابھرتے گو ل گنبد ’اوم‘ جیسا اک نشاں تھا؟
سوجھتا کچھ بھی نہیں ، پر


لفظ شاید لوٹ آئے
اس نے اپنی اندھی آنکھیں 
 اپنے مانیٹر کی جانب یوں اٹھائیں 
جیسے اس کا لفظ  یا ’آئی کان ‘  لوٹے گا  اگر  تو
 اس کی بینائی یقیناً لوٹ کر آ جائے گی!
٭٭٭



لفظ کلمہ ، لفظ منتر، لفظ سوتر

لفظ کے چھلکے اتاریں 
لفظ کی پرتوں کو چھیلیں 
کیا کوئی گٹھلی ملے گی؟
سچ؟ حقیقت؟ یا کوئی بودھی بصیرت؟
رقص کی مدرا میں جامد مورتی سی؟
معنی و مفہوم کی دیوی سراپا؟

جی نہیں ، پرتوں کے نیچے کچھ نہیں ہے!
صرف لا یعنی خلا ہے
لفظ ہی سچائی ہے، آیت، سراپا کل حقیقت!
لفظ،  اک  آواز ۔ اٹھتی، گونجتی سونی فضا میں 
لہر جیسی تھرتھراتی
کان کے پردے پہ تتلی کے پروں سی سرسراتی
صوت، قرات، کن فکاں ، گویائی، منتر
 اوم، آیت! 
لفظ ۔ روشن،  مہر و مہ سا!!
لفظ ازلی، لفظ ابدی

لفظ کا لب سے ادا ہونا ۔ یہی اک معجزہ تھا
جس نے اس انسان کو حیوان کے گونگے بدن سے
سر بسر آزاد کر کے اس کو وہ رتبہ دیا تھا
آسماں زادے فرشتے اس کے آگے سر بسجدہ جھک گئے تھے
لفظ کلمہ،  لفظ منتر،  لفظ سوتر!
٭٭٭




میں دو جنما

آج کا دن اور کل جو گذر گیا۔یہ دونوں 
میرے شانوں پر بیٹھے ہیں 
کل کا د ن  بائیں کندھے پر جم کر بیٹھا
 میرے بائیں کان کی نازک لو کو پکڑے
چیخ چیخ کر یہ اعلان کیے جاتا ہے
’’میں زندہ ہوں !
بائیں جانب کندھا موڑ کے دیکھو مجھ کو!‘‘
آج کا دن جو
دائیں کندھے پر آرام سے پاؤں پھیلا کر بیٹھا ہے
بار بار دھیمے لہجے میں ایک ہی بات کو دہراتا ہے
’’مت دیکھو اس اجل رسیدہ کل کو
جو  اب کسی بھی دم اٹھنے والا ہے!
مجھ کو دیکھو، بات کرو، میں چلتا پھرتا آج کا دن ہوں 
سانس کی ڈوری مجھ سے بندھی ہے
کیا لینا دینا  ہے اک آسودۂ  خاک سے ہم  جیسے زندوں کو؟‘‘
دائیں بائیں گردن موڑ کے دونوں کی باتیں سنتا ہوں 
گردن میں بل پڑ جاتا ہے
کچھ سستا کر پھر سننے لگتا ہوں ان کی رام کہانی!

شاید سچ کہتے ہیں دونوں !
ماضی بھلا کہاں مرتا ہے؟
زندوں سے بھی بدتر ، یہ مردہ تو ذہن میں گڑا ہوا ہے

جیسے کالے مرمر کی سل کا کتبہ ہو
اور پھر آج کا زندہ پیکر؟
 آنے والے کل کے دن تک اس کو میں کیسے جھٹلاؤں ؟
 
کوئی بتائے
میں دو جنما
اپنے دو شانوں پر بیٹھے آج اور کل سے کیسے نپٹوں ؟
٭٭٭


  
 

DUEL

میں اک مبارز
میں سینکڑوں معرکوں کا ثابت قدم ، مہم  جُو
شجاعت و حوصلے میں جی دار
آج پیری میں اپنا خم ٹھونک کر کھڑا ہوں 
کہ جیسے عہد شباب میں تھا
میں رزم گاہِ حیات میں اپنی تیغ و تیر و تفنگ سے لیس 
 مستعد ہوں 
مجھے پتہ ہے 
کہ سامنے نیم وا دریچے کے پیچھے میرا  
وہ دشمنِ زیست کنکھجورا نکیلے ،زہریلے ڈنک اٹھائے 
کھڑا ہوا منتظر ہے میرا
 کہ جیسے  ہی در کھلے،  وہ  مجھ پر اچھل کے جھپٹے
 مرے بدن کو  ہزاروں ڈنکوں سے گُود  ڈالے!

یہ کنکھجورا   ۱؎
جو خود میں ہی کشت و خون کی ایک 
چلتی پھرتی مشین ہے ، میرے جسم پر
 اس سے پیشتر بھی جھپٹ چکا ہے 
ہزاروں زہریلے ڈنک پہلے بھی 
میری نس نس میں اپنے نشتر چبھو چُکے ہیں 

مگر میں ناقابلِ ہزیمت وہ سورما ہوں 
سپہ گری میں جسے ہمیشہ غنیم پرجیت ہی ملی ہے!
 یہ دُشمنِ جاں ، حریف میرا
ہر ایک خونریز معرکے میں 
گریز پا،  اپنے ڈنک سارے سمیٹ کر
اور پیچھے ہٹ کر پلٹ گیا ہے!

مگر مرے واسطے یہ روزِ حساب ہے 
ایک فیصلہ کُن مقابلہ ہے
کہ جس میں شمشیر زن یہ  پیرِ شجاع
 لوگوں کے سامنے ایک رزم گہ میں 
تباہ کُن ، ہولناک موذی کے بالمقابل
 مُبارزت کی
duel  میں دشمن کو چِت کرے گا!
٭٭٭
  ۱؎  سرطان کا خلیہ مائیکرو سکوپ میں ایک کنکھجورے سا دکھائی دیتا ہے۔
***


میں زاویہ قائمہ نہیں ہوں !

میں زاویہ قائمہ نہیں ہوں 
میں گھٹتا، بڑھتا، بدلتا رہتا ہوں 
خاک داں ارض سے فلک تک  
فلک سے واپس زمیں کی جانب!
’الِف‘ سے  (اللہ سے)  شروعِ سفر ہو،  تو پھر
حروفِ ابجد میں ’ یائے مجہول‘  میری منزل ہے
 اور’یے‘  سے۔۔۔۔’الِف ‘ تلک واپسی سفر ہے
بدی سے نیکی کی سمت ،  یا پھر
اسی اُلٹ پھیر میں بھلائی سے معصیت تک!

میں فیثا غورثؔ کا  زاویہ قائمہ   ۱ ؎ نہیں ہوں 1.Right-Angled Triangle
کہ جس کی تشکیل میں تبدّل کا کوئی بھی شائبہ نہیں ہے    
(عمود  ۲ ؎  اور قاعدے  ۳؎  کی لمبائی کا مربع2. Perpendicular  3. Base
وتر  ۴ ؎  کی لمبائی کے مربعے سے ہی رقم ہے!)4. Hypotenuse                 
کہ میں تو ماہِ تمام ہوں جو کہ
 قرص و قامت کی اپنی اقلیم میں 
 گھٹے گا تو گھٹتا جائے گا رفتہ رفتہ
ہلال سے پیش رفت کرتا ہوا بڑھے گا
تو پھر سے ماہِ تمام بن کر طلوع ہو گا !
میں زاویہ قائمہ نہیں ہوں !!
٭٭٭




مجاز مرسل کی حد کہاں ہے؟

ہزاروں ، لاکھوں ہی سیڑھیاں ہیں 
نشیب میں سب سے نچلی سیڑھی پہ میں کھڑا ہوں 
تھکا ہوا، بے امان، درماندہ، بے سہارا
مگر ارادے میں سر بکف، ولولے میں پا مرد، دھن کا پکا
یہ عزم بالجزم ہے، جنوں ہے، کہ بے خودی ہے
یہ میں نہیں جانتا، مگر سب سے نچلی سیڑھی پہ پاؤں رکھے
مدام آنکھیں فلک کی جانب اٹھائے
گردن میں بل دئے، اونچے نردبانوں کو دیکھتا ہوں 
 بلندیوں پر جو ایستادہ ہیں 
بادلوں کے دبیز پردوں میں منہ چھپائے!

میں خود سے کہتا ہوں ، یہ شروع سفر ہے ، آدم!
چلو چڑھو اپنی اگلی سیڑھی
تمہیں بہر نوع چڑھتے رہنا ہے، جانتے ہو؟
تمہارا معبود آخری سیڑھی پر تمہارا ہی منتظر ہے
چلو چڑھو! آخری وسیلہ یہی ہے، جس سے
فرار ممکن نہ ہے، نہ ہو گا!


نہ جانے عمروں کے کتنے زینے چڑھے ہیں میں نے
مسافتوں کے ہزار قرنوں میں میرے پاؤں 
اک ایک زینے پہ ڈ گمگگائے ہیں ماندگی سے
مگر مری عزم مستقل صرف ایک امید سے ہمیشہ اٹل رہا ہے
کہ آخری سیڑھی پر کوئی میرا منتظر ہے

پہنچ گیا ہوں !
بس ایک لمحہ بڑی محبت سے اپنے ٹوٹے ہوئے بدن کو
دریدہ پیروں کو دیکھتا ہوں 
نظر اٹھاتا ہوں 
اونچی سیڑھی پہ روشنی کے مجسمے پر نظر جماتا ہوں 
پھر اپنے خستہ بدن کے ملبوس سے نکل کر
وقار و صولت سے لیس ہو کر
عقیدت و احترام سے، پر بڑے تحمل سے پوچھتا ہوں 
’’اگر میں عابد ہوں بندگی میں 
تو میں ہی معبود بھی ہوں ، مولا
مجھے بتاؤ، مجاز مرسل کی حد کہاں ہے؟‘‘
٭٭٭




میرے اندر ایک سمندر
ٰ 
یہ سمندر مر چکا ہے
کوئی دن تھا، یہ سمندر موجزن تھا
گہرا نیلا
سر پٹختی، چیختی، چنگھاڑتی
شوریدہ سر موجیں اچھل کر
ان گنت صدیوں تلک اس کے کنارے ایستادہ
بھربھرے پربت سے ٹکراتی رہی تھیں 
اور اس سے
دور تک پربت کی بنیادوں میں گہرے غار  سے
کچھ بن گئے تھے

آج بھی جب جوار بھاٹا
کچھ ذرا سا شانت ہوتا ہے، تو اکثر
لوگ آ کر دیکھتے ہیں 
دور تک غاروں کے اندر غار ہیں ۔۔
تاریک، گہرے
جن میں کچھ ہموار جگہیں ، پتھروں کی چوکیاں 
خاشاک، سرکنڈوں کے بستر
یہ بتاتے ہیں کہ جیسے لوگ ان میں رہ چکے ہیں 
لوگ؟

ہاں ، کچھ گیان کے کھوجی
کہ جو پانی اترنے پر یہاں بسرام کرتے
اور جلتی مشعلوں کی روشنی میں 
فلسفے کی باتیں کرتے
پوتھیاں لکھتے کہ آنے والی نسلوں کو خبر ہو

پوتھیاں ؟
وہ بھوج پتّر، وہ  ’پپائرس‘۰
پانڈو لپّیاں ۰۰
اور وہ مردہ سمندر 
اب کہاں ہیں ؟

میرے اندر؟
واقعی، کیا میرے اندر؟
اک سمندر؟؟
٭٭٭
۰ Papyrus
۰۰مخطوطات، مسودے
٭٭٭




Mater Amorisٌ۰۰
لاطینی ۔  ’’مامتا کی ماری ماں ‘‘

اضطراری کیفیت میں چھٹپٹاتی، کسمساتی
دردِ  زہ میں زور سے پھنکارتی
اپنی زباں کو لپلپاتی
چکنے، دھاری دار ، بل کھاتے ہوئے 
قابو سے باہر،جسم کو جیسے تشنج میں پٹختی
ایک مادہ افعی بارہ سنپولوں کو جنم دیتے ہوئے
ان کو نگل جانے کی خاطر 
دائیں بائیں سر گھما کر دیکھتی ہے 
 کچھ تو نگلے جا چکے ہیں 
اور کچھ بچتے بچاتے گھاس میں گم ہو گئے ہیں !

افعی،کیا   ’ نر‘  تھا  یا  ’مادہ‘  تھی، جس نے
جنتِ پارینہ یا باغ جناں میں چکنی چپڑی گفتگو سے ورغلا  کر 
مادرِ انسان کو تخلیق کے اصلی ہنر کا راز سمجھایا تھا، لیکن
 اماں حوا سیکھ کر بھی اپنے دو  نو زائدہ بچوں کو 
جیسے کھاتے کھاتے رک گئی تھی۔۔۔

 شفقتِ  مادر تھی یا پھر’’ افعی انسان‘‘ کی مادہ سے یہ سہواً ہوا تھا
آلِ آدم آج بھی اس ’سہو‘ کا پھل چکھ رہی ہے
 بھائی اپنے بھائیوں کا خوں بہاتا جا رہا ہے
کون ہے،ہابیل یا قابیل، عمدِ قتل کا مجرم؟ کوئی کیسے بتائے! 
٭٭٭


موت کے موضوع پر دو نظمیں 

۱۔موت کو یہ بھی علم نہیں ہے

انکھوے پھوٹے
بُور آیا۔۔۔۔
پھر پھل آئے
 میٹھے،نرم، سجیلے، رنگیں 
شوخ پرندوں ، لوبھی انسانوں نے کھائے
بیج نکل کر چاروں سمت زمیں پر بکھرے
 جذب ہو گئے
موت مجھے کہتی ہے، تیرا انت آ گیا
موت کو یہ بھی علم نہیں ہے
ا س کے ہاتھوں مرنے والا
کتنے جیون اور جیے گا!
٭٭٭


۲۔دوسرا  راستہ

نیم خمیدہ ، قوسی، محرابی رستوں پر چلتا چلتا
ایسے موڑ پہ آ پہنچا ہوں 
 جس سے دو شاخوں میں رستہ بٹ جاتا ہے
دونوں رستے جیسے استقبال کو میرے بچھے ہوئے ہیں 
پہلا رستہ نرم، ملائم لہجے میں مجھ سے کہتا ہے
دیکھو اپنے ٹوٹے پاؤں ، دریدہ تلوے
انگ انگ میں سو جنموں کی دوڑ دھوپ کی تھکن، ماندگی کو پہچانو
اپنے قدم بڑھاؤ مخمل جیسے مجھ ہموار راستے کی چھاتی پر
 تم کو ابدی نیند ملے گی
 سو جاؤ گے!
دوسرا رستہ کانٹوں جیسے چبھنے والے
لہجے میں مجھ سے کہتا ہے
خار و خس سے لدا ہوا میں 
اونچا نیچا، ٹیڑھا میڑھا 
اس دشوار گذار بڑھاپے کا رستہ ہوں 
جس پر تم کچھ سال ابھی چل سکتے تو ہو
لیکن مجھ پر چل سکنا آسان نہیں ہے
ہمت ہے تو پاؤں بڑھاؤ!

میں سیلانی
حاجی، زائر۔۔۔۔طائف، آوارہ، بنجارا
سیمابی رفتار سے چلتا
دوسرے رستے پر بڑھتا، خود سے کہتا ہوں 
دیکھوں تو پیری کا رستہ
کتنا مشکل یا آساں ہے!!
٭٭٭



 مایوسی کے عالم میں خلق ہوئی چار نظمیں 

(ایک)تجا ہوا، بیکار، اکارت

پوچھو مت یہ کیسا خلا ہے
ہم جس میں محبوس کھڑے ہیں 
وقت کی ریت گھڑی سے کیسے
ذرّہ ذرّہ گرتے پل چھن
ہم کو اکارت جان کے ، یارو
تجا ہوا،بوسیدہ کپڑے کی اترن سا
چھوڑ گئے ہیں 
رسّی، جس سے
 عمر گریزاں کے موسم، اجلے کپڑوں سے
ٹنگے ہوئے جان بخش فضا میں جھوم رہے تھے
ادھڑی ادھڑی، مُڑی تُڑی سی
گدلی سرد ہوا میں پھانسی کے پھندے سی
جھول رہی ہے
کل کی سندر کنیائیں ، جو
اپنی کلائیوں میں پھولوں کی قوس قزح کے گجرے پہنے
گلشن گلشن گھوم رہی تھیں 
اب بوڑھی بیوائیں ہیں ، جو
ٹُنڈ مُنڈ پیڑوں سی سوکھی ۔۔ بال کھُلے
گاڑھی مٹّی کی رنگت جیسے
رات رات بھر جاگ کے سینہ کوبی کرتیں 
راکھ پہ بیٹھی سسک رہی ہیں 
جلتے الاؤ بُجھ سے گئے ہیں 
کہر آلود فضا کی گدلی تاریکی میں 
تارہ، جگنو، کچھ بھی نہیں ہے!
وقت کی ریت گھڑی سے کیسے
گرتے پل چھن
اے ہم عصر ساتھیو، ہم کو
تجا ہوا
بیکار، اکارت چھوڑ گئے ہیں !
٭٭٭


(دو)کوئی رفتہ ، نہ آئندہ

یہ کیسا آج ہے جس میں 
کسی فردا کے سورج کے نکلنے کی کوئی خواہش نہیں ہوتی
کسی کل کے افق میں ڈوب جانے کا کوئی غم بھی نہیں ہوتا
عجب بے رنگ سا ماحول ہے دل کے احاطے کا
جہاں بے اعتنائی، بے حسی کی راکھ اڑتی ہے
نہ قدموں کے نشان باقی ہیں آنے جانے والوں کے
نہ کچھ امید ہے کوئی کبھی لوٹے گا اس گھر میں 
نہ کچھ آسودگی، اقبال مندی کی طمانیت
نہ کچھ آزردگی، فکر و تردد کی اذّیت ہے!
کوئی کل ہے ، نہ فردا ہے
کوئی رفتہ، نہ آئندہ
فقط نا معتبر اک لمحۂ موجود، جگنو سا
مری مٹھی میں رہ رہ کر تڑپتا
مرتا جاتا ہے!
٭٭٭


 
(تین)کون ہیں ہم تم؟

کون ہیں ہم تم؟
ہم تم ہیں دیوار پہ لکھے نام
جنہیں لکھنے والے نے
خشت خشت تحریر کیا تھا
لیکن آتی جاتی صدیاں 
وہ ابجد ہی بھول گئی ہیں 
جس میں ہم تم لکھے گئے تھے!

آنے والی صدیاں شاید
یہ دیوار نوشتہ پڑھ سکنے کی خاطر
بھولا بسرا ابجد پھر سے از بر کر لیں 
نام پڑھے بھی جائیں ، لیکن
نام نام ہیں 
شخص نہیں ہیں 
نام میں آخر کیا رکھا ہے؟
٭٭٭



(چار) ہمیں حنوط کرو

ہم جیتے جی فرعونوں جیسے افضل تھے
برتر، اعلیٰ، سب سے اونچے
ہم مخدوم، مکّرم، مقبول و ماجد
سب کے آقا تھے!
آج ہماری ہار ہوئی ہے
ہم خاقانی
اپنی خفّت میں لپٹے بے حرمت لاشے
گلیوں ، صحنوں ، دالانوں میں پڑے ہوئے ہیں 

شاید ایک عجائب گھر میں 
رکھے نمونوں جیسے ہم تم

آنے والی نسلوں کی
تدریس و آموزش کا ایک وسیلہ بن کر
اپنے ماضی کی فوقیت قائم کر لیں 

فاتح لوگو
ہمیں حنوط کرو، لاشیں لافانی کر دو!!
٭٭٭




معجزے کیا اب نہیں ہوتے؟

نصف شب کو
چاند اپنی نرم، ٹھنڈی چاندنی کو
میر ے کمرے کی کھلی کھڑکی سے اندر بھیجتا ہے
اور وہ اصرار کرتی ہے کہ اس کے ساتھ چل کر
چاند کے سنگ آسماں کی سیر پر نکلوں ۔۔
کہ سارے کارواں تاروں کے میرے منتظر ہیں 

صبح دم پھر
میری کھڑکی کے برابر، باغ کی ہر اک روش پر
ناز سے اٹھکھیلیاں کرتی ہوئی باد صبا بھی
ایک لمحہ رک کے، کھڑکی کھٹکھٹاتی ہے بہت آہستگی سے
اور کہتی ہے ۔ ’’مجھے اندر بلا لو
اپنے گالوں سے لگا کر پیار کر لو
ان سبھی پھولو ں کی خوشبو اوڑھ لو، جو
میں چھپا لائی ہوں اپنی اوڑھنی میں !‘‘

دوپہر کو
آسماں پر دوڑتا، چمکیلا سورج

نیچے جھک کر ،  ہچکچا کر،  سہما سہما
میری کھڑکی انگلیوں سے دھوپ کی چھوتے ہوئے، بس
اک دو لمحے کے وقفے میں ہی اندر جھانکتا ہے
اور بستر پر مجھے سوئے ہوئے جب دیکھتا ہے
شرمگیں سا، پیچھے ہٹ جاتا ہے، جیسے
کوئی نا محرم ہو۔۔
خلوت گاہ میں یوں دیکھنا جس کا غلط ہو!

شام کو پھر سارے پنچھی
ایک سر میں ، ایک لے میں 
چہچہاتے ہیں خوشی سے
دھند کے کمبل میں لپٹے گہرے سائے
میری کھڑکی پر ذرا رک کر بتا جاتے ہیں مجھ کو
شام ڈھلتی جا رہی ہے
وقت ہے اب میں دوا کی آخری خوراک پی لوں !

کون کہتا ہے کہ کلجگ معجزوں کا جگ نہیں ہے؟
میں شفا خانے کے کمرے میں پڑا ہوں 
اور یہ سب معجزے دن رات ہوتے دیکھتا ہوں !
٭٭٭
(’نروس بریک ڈاؤن ‘ کے بعدLoudon Hospital میں دس دنوں کے قیام کے دوران یہ نظم خلق ہوئی۔ س۔پ۔آ)
***



موزارت سوناتا نمبر ۱۱

   (صوتی محاکات پر استوار ایک شعری تاثر)

مدھم مدھم
دھیرے دھیرے
صحرا میں سورج کی آڑی ترچھی کرنیں 
نالاں ، شاکی
اپنے ترچھے سایوں کی پسپائی پر 
اب سبک سبک کر
اُلٹے پاؤں چلتے چلتے
دور  افق میں ڈوب گئی ہیں 
ایک نئی ہلکی ’ ’  سُر لہری‘‘
نرم فضا میں تھر تھر کرتی
جنباں ، لرزاں ، افتاں ، خیزاں 
خاموشی کی پرتوں میں نیچے سے اوپر ابھر رہی ہے
مہر بلب ۔۔ پھر سائیں سائیں سرگوشی سی
مِن مِن ، کِن کِن، گلو گیر
شیریں ، زہریلی
ناگ پھنی کا رس امرت
کانوں کو ٹپ ٹپ گھول پلاتی
لوری کی لَے میں اک ’’ٹھاٹ‘‘ سا 
قطرہ قطرہ ۔۔صوت کا شربت
زہر سا میٹھا
شہد سا کڑوا
کان گپھا میں ٹپک گیا ہے
سُر کی گت ’اُپ ناس‘ میں الجھی
ناگ پھنی کے کیل کانٹوں سے لیس بدن پر
سرک سرک کر
ناگن کے آگے بڑھنے کے سُر سنگیت سی گونج گئی ہے
مرتے مرتے یہ آلاپ اب
انتم سانس میں 
مجھ کو بھی 
چُپ چاپ سمادھی کی حالت میں چھوڑ گیا ہے! 
٭٭٭




SUBSTANCE AND SHADOW

(ملک عدم سے ایک مکتوب)

آج جب میں 
موت کی وادی کے سایوں سے گذر کر
روشنی تک آ گئی ہوں 
کیوں یہ لگتا ہے
کہ میرا پنا سایہ
چپکے چپکے
میرے پیچھے چلتا چلتا
موت کی وادی کے سب سایوں کو
اپنی گربھ جونی میں سموئے
پھر سے میرے substance کے ساتھ آ کر جُڑ گیا ہے
substance اور سائے کا
آپس میں ضم ہونا ۔۔
یہی کیا موت ہے؟ تم ہی بتاؤ!

کیا بتاؤں میں 
کہ وہ تو اپنے سفر آخری پر جا چکی ہے
اور میں اب اس جہاں میں 
صرف اک بے جان خاکہ ہوں ۔۔۔۔
کوئی لاشیٔ
کوئی گم گشتہ سایہ
substance میرا کہاں ہے؟
٭٭٭



’’ناگہاں ‘‘  اور  ’’بے نہایت‘‘


’’ناگہاں ‘‘  اور ’’بے نہایت‘‘ سے اگر پیچھے ہٹو گی تو تجھے معلوم ہو گا
’’ناگہاں ‘‘ تو میں ہوں ، لیکن کون تھا وہ ’’بے نہایت‘‘؟
کوئی پچھلا جس نے تجھ کو مجھ سے پہلے 
 تیری کچی عمر میں 
یوں چیر کر زخمی کیا تھا ۔۔ تو تڑپتی رہ گئی تھی، اور یہ کڑو ا کسیلا زہر
سوتے جاگتے خوابوں میں امرت جان کر پیتی رہی ہے
کیوں بھلا؟  کیوں ’’ نور‘‘، ’’نغمے‘‘ یا کسی ’’حرف تسّلی‘‘ سے
ترا ’’نا رس خلا‘‘  خالی رہا اتنے دنوں تک؟
اور اب پھر تو آج اگر اک ناگہانی حادثے میں 
’’ ناگہاں ‘‘سے آ ملی ہے اپنی پکّی عمر میں تو یوں سمجھ
جیسے کہ کچی اور پکّی ،دونو ں عمروں میں کوئی نسبت نہیں ہے
پوچھ خود سے
ایک چوتھائی صدی کے بعد پھر کیوں 
جستجو ہے تجھ کو اس ظالم درندہ صفت کی، جس کو یہ کہہ کر
چھوڑ آئی تھی جھٹک کر،  ’’ایک وحشی جانور ہو بے نہایت!
تم سے نفرت ہے مجھے!‘‘
’’ناگہاں ‘‘ کیا ’’بے نہایت‘‘  کی طرح وحشی نہیں تھا؟
ہاں ، مگر وہ جانور شاید نہیں تھا
(جانور، تم جانتی ہو، چیرتے ہیں ، پھاڑتے ہیں !)
اس لیے اب تجربہ وہ اپنی پکی عمر میں دہرا کے خود 
 ’’حرف تسّلی‘‘ کا سہارا چاہتی ہو؟
خود سے پوچھو، کیا یہ سچائی نہیں ہے؟
٭٭٭




نظم کی خود کشی

نیم بے ہوش سی، ٹھہرے ہوئے پانی کی طرح
نظم جو رات بھر جاگی تھی ،اسے ہوش آیا
اوس کی بوندوں نے پلکوں کو جکڑ رکھا تھا
گال ٹھنڈے تھے،لبوں پر کوئی ہلکی سی لکیر
ان سوالوں کو لیے جامد و ساکت تھی، جنہیں 
رات بھر مالا کے منکوں کی طرح گنتے ہوئے
اشک در اشک پرویا تھا توازن میں ، مگر
صوت خاموش تھی، الفاظ گہن کھائے تھے
اور سطروں سے معانی کے پرندے اڑ کر
گونگی آواز کے پیڑوں میں چھپے بیٹھے تھے
نظم سے روٹھ گئے تھے ۔۔بہت دھیرے سے اٹھی
اک نظر صوت کو ، الفاظ کو  مڑ کر دیکھا
ان پرندوں کی طرف بھی جو چھپے بیٹھے تھے
ذہن کے کنوئیں کی منڈیر پر ٹھٹھکی اک پل
اور پھر گہرے اندھیرے میں کہیں کود گئی!

نظم کی خود کشی ہر رات یونہی ہوتی تھی!!
٭٭٭




No Man Is An Island


ہر طرف گہرا سمندر
اور بیچوں بیچ اس گہرائی سے جیسے ابھرتا
اک جزیرہ
خوشنما، سر سبز، پیڑوں ، پنچھیوں ، پھولوں ، پھلوں کی
غیر ارضی ایک جنّت!
ساحلوں پر جھاگ اڑاتی
لیس ہتھیاروں سے، نا ہموار، ہیبت ناک ، مخروطی چٹانیں 
صف بہ صف ایسے کھڑی ہیں 
مستعد پہرے پہ جیسے فوجیوں کی ٹولیاں 
اس کی حفاظت کر رہی ہوں !
بھولی بھٹکی کوئی کشتی
بے سہارا، بے اماں ، جائے تحفظ ڈھونڈتی
اپنے دریدہ بادبانوں کے سہارے آ بھی جائے
تو یہ پہرے دار اس کو روک دیں گے
اس لیے برسوں سے کوئی
اس جزیرے پر نہیں اترا ۔۔
کسی نے اتنی ہمت ہی نہیں کی!


کیوں بھلا یہ میرے ’میں ‘ کی
غیر ارضی،خوشنما، سر سبز جنّت
اپنے چاروں سمت پھیلی
بیکراں سچائی سے کٹ کر کھڑی ہے؟
میں یہ خود سے پوچھتا ہوں ! 
٭٭٭




پارچہ ۔ رنگین، بو قلمون، روشن

پارچہ ۔ رنگین، بو قلمون، روشن
 پارچہ الوان، ست رنگا، چمکتا                                                                            
بھیگتے رنگوں کی ململ
دھوپ اور برسات کا جیسے ملن ہو
کھٹا میٹھا، آسمانی، سبز، نیلا، زرد، اُودا 
پارچہ رنگین، بو قلمون، روشن! 

پارچہ
جذبات کے سب رنگ 
اپنے دل کی دھڑکن میں سمیٹے،  شاعرِ ادراک کے
جب ذہن میں ابھرا تو اک تصویر سا تھا
 یوں لگا شاعر کو جیسے
سانس کی آشفتگی، شوریدگی،حساسیت
رنگوں کی بارش میں برہنہ تن کھڑی
  سیراب ہوتی جا رہی ہوں 

پارچہ 
اک جذبۂ خوش کن تھا، اور تصویر سا ابھرا
تو شاعر نے عجب اک تجربے کے عنکبوتی جال میں 
الجھا کے اس کو
 تولیے سا ہاتھ میں لے کر نچوڑا  
رنگ سارے ۔۔۔۔اور ان کی 
 گنگا جمنی، شعلہ وش، زر بفت رنگینی 
 نچوڑی اور بہا  دی
 جیسے یہ اشکال سب لاحق، اضافی، ثانوی ہوں 
اور ان کا پارچے کی بیخ و بُن سے انخلا ہی شاعری کا  ما حصل ہو
  رنگ سارے دھُل گئے
 قوسِ قزح سیّال ہو کر بہہ گئی
 
رنگ جب غائب ہوئے ، تو
 لفظ و معنی کی ہنر مندی کے ماہر 


شاعِرِ ادراک نے اس کو نفی، اثبات جیسے 
ہیولائی، غیر مادی فلسفے سے بھر دیا
رنگین، خوش کُن پھول سے جذبے کو 
ذہنی پخت و پز کی کترنوں سے باندھ کر
اور خشک تمثالوں کے مکڑی جال میں الجھا کے گویا
شاعری کا فرض پورا کر دیا

اور اب خاکستری سا پارچہ
 جذبے کی رنگینی سے عاری ،خشک، بے رس
رمزو تشبیہ و علامت سے مگر بوجھل
ہمارے سامنے اک شعر کی پژمردہ صورت میں کھڑاہے
’جوہرِ اندیشہ کی گرمی‘ ‘ کے خالِق
 شاعرِ باریک بیں نے
کھردرا،  شکنوں کا مارا  چیتھڑا سا
پارچہ جو سامنے پھیلا دیا ہے
اس کی تفسیریں لکھیں یا معنی و مفہوم سمجھیں ؟
٭٭٭



قانونِ باغبانیِ صحرا نوشتہ ایم 

سرطان زدہ جسم سے کہتا ہوں میں اکثر
باغِ ارم ہے ،ایک خیاباں ہے یہ جہاں 
تُو مرغزارِ زیست کا وہ مرزبان  ہے
جو ذوق و شوق، تاب و تواں میں تھا مستعد
جس میں قرار تھا نہ تعطل نہ کاہلی
 طوفاں میں بھی جو بر سرِ پرواز رہا تھا
جو آشنا نہ تھا کبھی فرصت کے نام سے!

 سرطان زدہ جسم سے کہتا ہوں کہ اُٹھ، چل
مت دیکھ یہ بکھرے ہوئے سرطان زدہ جسم
جو ماندگی سے مضمحل ہر سمت پڑے ہیں 
پسپائی کے مارے ہوئے یہ لوگ ہیں ناکام
تو ان کی طرح بے عمل،بے کار نہیں ہے
اٹھ چل کہ ابھی تک تری منزل نہیں آئی
اٹھ چل کہ تجھے راہ میں رکنا نہیں ہے آتا!      
جنت بدر ہوا تو ہوں لیکن درونِ دشت
          ’’قانون ِباغبانی ِصحرا  نوشتہ  ایم!‘‘
٭٭٭



قم باذن اللہ

آیتِ آئندہ

اک  آیتِ  فردا تھا 
 کل  تک تو  مرا  لہجہ
اک  آیتِ  آئندہ
 بننے  کو  تڑپتا  تھا
اور  آج جب آئندہ
 اک  لمحۂ حاضر  ہے
کاٹی  ہوئی  زباں کو
 دانتوں  تلے دبائے
 چُپ چاپ مَیں کھڑا ہوں 
 منہ سے لہو رواں ہے!
***

ہجرت

پچیس  سال  پہلے
 اس ملک کے دروازے
کوتاہ  قد  تھے  اتنے
مجھ  جیسے  قد  آور  کو
اپنا  کلاہ  ِ  عظمت
دستار ِ  اوّلیت
باہر  ہی  ترک  کر  کے
جانا  پڑا  تھا  اندر

اس ملک  کے دروازے
اتنے  سکڑ  گئے  ہیں 
اب  مجھ  کو  اپنا سر  بھی
شاید  کٹانا  ہو  گا !
***


عظمت

سکوتِ سخن شناس
تحسینِ  و  خایہ  بوسی  
ملتی رہی ہے  مجھ  کو
کچھ  نا شناس  قاری 
کہتے رہے ہیں  ’’ چہ خوش‘‘
لیکن  مجھے  بتاؤ  
اے  ناقدان ِِ اردو
آیا  سخن شناسی 
اک  قدر ِِ صُمِ بکُم  ہے؟
٭٭٭




سینگ


کیا ہوا تھا رات کو؟ کچھ کچھ تو اس کو یاد آیا
دھند تھی ہر سمت، لا محدود، گہری
گرم کمبل سا اندھیرا جسم کو اوڑھے ہوئے تھا
خون کی گردش میں جیسے آگ بہتی جا رہی تھی
پھر یکا یک ا ک دہانہ
آگ اگلتے، کھولتے آتش فشاں کا کھل گیا تھا
اور اندر سے ابلتا
آتشیں لاوا امڈتا آ رہا تھا
ذہن اس کا
ماورا اپنے بدن سے
اونچا اٹھ کر دیکھتا تھا
نیچے کیا کچھ ہو رہا ہے!

یہ اندھیری رات کا قصہ تھا، اور اب
روشنی ہے صبح کی ۔۔ آتش فشاں بے سدھ پڑا ہے
جسم اپنی آگ میں خود جل چکا ہے


کیسا ’ہینگ اوور ‘ہے یہ؟ وہ سر پکڑ کر پوچھتا ہے
کیا ہوا تھا رات کو؟
کچھ تو ہوا تھا!


اور پھر جیسے یکا یک 
ذہن نے سب کچھ اگل ڈالا اچانک
اس کو متلی آ گئی اور تھرتھرا کر
اس نے آنکھیں بند کر لیں 
چونک کر پھر کھول دیں ۔ خود سے کہا۔
’’میں جانتا ہوں 
میں نشے میں تھا، مگر جو کام مجھ سے ہو گیا ہے
وہ فقط شیطان کا خاصہ ہے، آدم کا نہیں ہے!‘‘

حرف اوّل کی طرح
شیطان کا جب نام اس کے منہ سے نکلا
دھند بالکل چھٹ گئی، اور چین کا اک سانس لے کر
اس نے سوچا
ایسے قصے روز کا معمول ہیں سوسائٹی میں 
کیا ملے گا مجھ کو اب افسوس کر کے؟
آج دفتر دیر سے پہنچوں گا، لیکن
اب اٹھوں ، تیار ہو لوں !

شیو کرنے کے لئے آخر اٹھا، تو
اپنا چہرہ آیئنے میں دیکھ کر گھبرا گیا وہ
اس کی کنپٹیوں پہ اس کی جلد کچھ اکھڑی ہوئی تھی
اور اندر سے کوئی اک کھردری سی چیز۔۔
شاید سینگ اگتے آ رہے تھے!
٭٭٭




شعور کی تہہ کے پھاٹکوں پر

میں جانتا ہوں 
شعور کی تہ کے پھاٹکوں پر
جو قفل ہے، وہ کلید بھی ہے

میں جانتا ہوں کہ پھاٹکو ں کو
میں کھول سکتا ہوں ، جب بھی چاہوں 
مگر مجھے اپنے جسم کو بھینٹ کرنا ہو گا
کٹانا ہو گا بدن کو اپنے
کہ جونہی پھاٹک کھلیں گے، مجھ کو
بشر سے حیوان بننا ہو گا
کروڑوں برسوں کے ارتقا کو پھلانگ کر پیچھے جانا ہو گا

شعور کی تہ کے پھاٹکوں سے 
پرے جو بیٹھی ہے کالی دیوی 
وہی مجھے ’ارتقا ‘سے پیچھے پھلانگنے کا پیام دے کر
یہ کہہ رہی ہے۔ ۔ ’’تم ایک حیواں تھے، ایک حیواں ہو۔۔
یہ بات اچھی طرح سمجھ لو!‘‘

میں سن رہا ہوں خود اپنی آواز میں یہ جملہ
’’۔۔کہ میں تو تم تک پہنچ گیا تھا گزشتہ شب
چاند کے نکلنے سے پیشتر ہی
لباس اترے ہوئے بدن پر
  مری رگوں سے امڈتا میرا لہو
تو تم نے ضرور دیکھا ہے، کالی دیوی
وہ  ہڈیاں جن سے گوشت نوچا گیا تھا  میرا
 سپید، جیسے دھلی ہوئی ہوں !
اٹھو، مرے لاشعور میں بیٹھی کالی دیوی
مجھے سمیٹو سیاہ باہوں میں آگے آ کر
کہ میں نے یہ بندگی، اطاعت
خود اپنی مرضی سے، اپنے دل سے قبول کی ہے
مرا لہو، میری ہڈیاں ، میرا گوشت
حتیٰ کہ روح میری
تمہیں سمرپن ہے، میری دیوی!‘‘

میں جانتا ہوں 
شعور کی تہہ کے پھاٹکوں پر
جو قفل ہے، وہ کلید بھی ہے
مگر کبھی اک سوال سا اپنا سر اٹھاتا ہے میرے دل میں 
کلید کو پھینک دوں اگر تو۔۔۔؟
٭٭٭




 شہر گم صم

بلڈنگیں ۔۔ ذی شان، اونچی
شاہراہوں کے کناروں پر کھڑی تھیں 
شاہراہیں ۔ آتی جاتی گاڑیوں ، کاروں سے پر تھیں 
قہوہ خانوں ، پارکوں ، گلیوں ، محلوں اور گھروں میں 
 زندگی معمول کی رفتار سے چلتی تھی، لیکن
بحر کے ساحل کی گولائی سے ہم آغوش
میلوں تک یہ آبادی کا مسکن
اک خموشی کی ردا اوڑھے ہوئے تھا
گنگ، بے آواز، گم صم
جیسے لوگوں کی زبانیں کٹ گئی ہوں 
گاڑیوں کا شور سڑکوں میں ہی دفنایا گیا ہو
بلڈنگوں کی گہما گہمی
اپنا دم سادھے ہوئے پنبہ دہن ہو
صرف حرکت ہو، مگر لا صوت، گونگی!

دوسری جانب سمندر
شور سے آباد ۔ بڑھتا، پھیلتا، واپس سمٹتا
حرکت و آواز کا ازلی نمونہ
ششدر و حیران سا
شوریدہ سر پاگل ہوا سے پوچھتا تھا

شہر کو کیا ہو گیا ہے؟

اور پھر جیسے جواباَ
بحر کی لہروں سے ٹکراتی ہوئی پاگل ہوا نے
کوئی جادو کر دیا ہو
اور ساحل پر پڑے خاموش ناقوسوں کے اندر
 بحر کے سارے بلالوں کی اذانیں پھونک دی ہوں 
اور ان اونچی اذانوں نے لب ساحل سے اٹھ کر
شاہراہوں ، قہوہ خانوں ، پارکوں ، گلیوں ، گھروں کی خامشی کو
اک الوہی ’صوت‘ کا ملبوس سا پہنا دیا ہو
اور یکایک
شہر اپنی قوت گویائی کی بخشش کو پھر سے پا گیا ہو!

بلڈنگیں ذی شان ہیں ، عالی نشاں ہیں 
گاڑیاں ، کاریں ، ٹرامیں چل رہی ہیں 
قہوہ خانوں ، پارکوں ، گلیوں ، گھروں میں 
شور و غل ہے، زندگی ہے
شہر اب جاگا ہوا ہے!
٭٭٭




سکّہ

میں آج بد نما، گھسا پٹا ہوا
پُرانا، مَیل خوردہ سکّہ ہوں ۔۔۔ مجھے
 چھُوا ہے سینکڑوں غلیظ انگلیوں کے مَیل نے 
مجھے بھرا گیا ہے
گندی تھیلیوں میں ،بٹوؤں میں ٹھونس ٹھونس کر سدا 
مجھے دیا گیا ہے کاروبار، لین دین میں ، حوالگی میں ، قرض میں 
میں ایک ہاتھ سے کسی بھی دوسرے میں 
رخصت و وداع کے بغیر منتقل ہوا ہوں عمر بھر
ہزاروں گندے ہاتھوں کے پسینے کی تہیں سی جم گئی ہیں میرے جسم پر
مری جبیں بھی، پشت بھی
 کچھ ایسے مسخ ہیں کہ اب تو کھوٹا ہونے کا گمان
 بھی ہُوا ہے میرے لین دین میں 
 میں روپیہ ہوں ،  پاؤنڈ بھی ہوں ، مُہر بھی، ریال بھی
 نہ جانے کب گھڑا گیا تھا ، یاد تک نہیں مجھے!

میں جب گھڑا گیا تھا ٹھوس دھات سے
سفید، نقرئی ،روپہلا، چمپئی
سنہرا، جاذب نظر تھا ، صاف اور کھرا تھا میں 
یہ سادگی کا حسن تھا
 کہ میری پرکھ میری تازگی میں تھی
کسی غلیظ ہاتھ نے نہیں چھُوا تھا میرے صاف جسم کو
کسی بھی جیب کی سڑاند،تھیلیوں کی بُو نے میرے
اُجلے پن کو بد نُما نہیں کیا تھا۔۔۔اور میں 
نیا تھا، نو بہ نو تھا
ایک نو نہال طفل سا!
یہ لفظ ’’نو نہال ‘‘ مجھ کو کیسے یاد آ گیا؟
میں ایک سکّہ ؟ ایک نو نہال سا؟
 نیا،نویلا ، ۔۔۔ایک بچہ، صغر سن؟
اچھوتا، کورا،  نو نیاز آمدہ ؟

میں آدمی کی نسل ، ایک طفل نو؟
چمک دمک میں جو کبھی  نئے گھڑے ہوئے سفید سکّے سا کھرا تھا، پر
تمام عمر کے غلیظ لین دین نے مجھے
ذلیل، خستہ حال، رنگ باختہ بنا دیا!

موازنہ بھی کیا عجیب چیز ہے!!
٭٭٭



   
صم بکم عمی۔۔۔۔۔

مجھ  ’دلتِ ‘ کا نطق بے آواز تھا  ۰’دلتِ‘ بمعنی اچھوت
پگھلا ہوا سیسہ مرے کانوں کو بہرا کر چکا تھا
صرف میری کور آنکھیں ہی تھیں 
جو گونگی زباں میں بولتی تھیں 
جب بھی میں بے نور آنکھوں کو اٹھا کر بات کرتا
مورتی سنتی، مگر خاموش رہتی
مورتی مندر میں استھاپت نہیں تھی ۔۔۔۔
اس کو میں نے اپنے ہاتھوں سے گھڑا تھا
اور پھر اِکلویّہ۰ کی مانند اپنے سامنے رکھ کر(۰مہابھارت کا ایک اچھوت کردار)
میں اس سے 
بات کرتا تھا، جھگڑتا تھا
کبھی روتا،کبھی ہنستا
کبھی درویش سا  میں 
اس کے چاروں سمت اک پاؤں گھماؤ میں پھنسا کر ناچتا تھا!

خود کُشی کی شام میں نے مورتی سے
صاف لفظوں میں کہا، ’’ معبود میرے!
میرا یہ حرکی تصّور ہے کہ میں خود فہم بھی ہوں 
اور رکھتا ہوں میں اپنی ذات کے اندر چھُپا کر
اپنی افزائش کا سامان
 اپنے ہونے  یا نہ ہونے کا جوازِ مستقل بھی
مردِ خود آگاہ ہوں 
 میری یہی تکمیل ہے، میں جانتا ہوں 
 اندھا، گونگا اور بہرا مر رہا ہوں 
خود کشی سے پہلے یہ خواہش ہے میری
 اب مرے اگلے جنم ، جتنے بھی باقی رہ گئے ہوں 
نیچ جاتی میں ہوں تو آوا گون سے چھوٹ جاؤں !
٭٭٭



سرمہ اور سرکہ

اس چہرے کی سب تصویریں 
میں نے جو آغاز جوانی میں دیکھی تھیں 
اب تک آنکھوں میں تازہ ہیں 
بھوری زلفیں ، نیلی آنکھیں 
رخساروں کے خم، لبوں پر کھلتے پھولوں سی مسکانیں 
حور سراپا ، کوہ قاف کی ایک پری کا 
دل میں بسنے والا چہرہ!

اس چہرے کی سب  تصویریں 
میرے دل کو بھرماتی تھیں 
جی میں آتا تھا، جلدی سے اڑ کر پہنچوں 
اس چہرے کو
ٹھندے سرمے سا اپنی آنکھوں میں بھر لوں !

کوہ قاف کی شہزادی کا
یہ چہرہ نزدیک سے میں نے دیکھ لیا ہے
شکل وہی ہے، نقش وہی ہیں ، رنگ وہی ہے
رخساروں کے خم، لبوں پر کھلتے پھولوں کی مسکانیں 

سب کچھ پہلے جیسا ہی ہے
چہرہ جس کو خوابوں میں اکثر دیکھا تھا
اور چاہا تھا ۔۔اس چہرے کو 
ٹھنڈے سرمے سا اپنی آنکھوں میں بھر لوں 
اب نزدیک سے دیکھا ہے، تو یوں لگتا ہے

جیسے آنکھوں میں جلتا  سرکہ  بھر جائے
 بینائی بالکل مر جائے!
٭٭٭





’’تت توام آسی‘‘۰
(ملک عدم سے دوسرا مکتوب)

میں کہاں تھی؟
میں نہیں تھی ۔۔ٹھیکرہ سا جسم جو کچھ دیر پہلے
میرا گھر تھا، وارڈ میں بستر پہ رکھا رہ گیا تھا
اور تم سب
دائیں بائیں ، آگے پیچھے ، اپنے آنسو پونچھتے تھے
سنسکرت کے ان دعائیہ منتروں کے جاپ میں مصروف تھے
جو آتما کی شانتی کے واسطے لکھے گئے تھے
میں نہیں تھی
ٹھیکرہ سا جسم ہی تھا!

میں تو پیدل یاترا پر تھی۔۔۔۔
کہیں پاتال میں ، آکاش میں یا ایک خالی شہر میں 
جس میں ہزاروں لوگ سب ہی اپنی اپنی یاترا پر جا رہے تھے
ایسے لگتا تھا کہ جیسے ’چلنا‘ ’اڑنا‘ ایک ہی حرکت ہو، ہلکی سی، سبک سی
اور میں سب دوسروں کے ساتھ ہی
چلتی گئی، اڑتی گئی، چلتی گئی!

روشنی کا ایک منبع
آسماں سے پھوٹ کر نکلا تو اس برقی تجلّی سے
ہیولے سارے روشن ہو گئے

اور تب یک لخت میں نے
دوسروں کو خود میں دیکھا
خود کو ان سب کے ہیولوں میں نگینے سا جڑا پایا۔۔۔۔۔
کہ جیسے مختلف ہو کر بھی چہرے ایک سے ہوں 

اور تب ان دوسروں کے ساتھ جن کے آتمن میں 
میں بھی شیشے سی جڑی تھی ۔۔ رک گئی بس ایک لمحہ
اور پھر اس وقت سے انبوہ میں چلتی رہی ہوں 
تم کہو
میں کون تھی، کیا بن گئی ہوں ، اور کیا کچھ اور بھی بننا ہے مجھ کو؟

’’تت توام آسی‘‘ ۔۔ یہی تو شبد تھے گیتا کے، لیکن
اپنے استغراق کے عالم میں اس سے کہہ نہیں پایا تھا کل شب!

٭٭٭
۰ (tat twam aasi. (I see the other in myself) تت توام آسی
***




تتھا استو، رضینا با لقضا

؎رندہزارشیوہ  را  طاعت حق گراں  بود
لیک صنم بہ سجدہ در ناصیہ مشترک نخواست!
(غالبؔ)


گھپ اندھیرا تھا شوالے میں ، مگر
ٹھنڈی، ملائم روشنی کا ایک ہالہ
دیوتا کی مورتی کو نور سے نہلا رہا تھا
مورتی کے چوڑے ماتھے پر
ہلالی تلک کا روشن نشاں تھا
چاند کی اک قاش سے جیسے شعائیں پھوٹتی ہوں 
میں اندھیرے کی ردا اوڑھے ہوئے تھا
پھر بھی میں اپنی انا کے نور سے بھیگا ہوا تھا
میرے اندر روشنی تھی!

دیوتا اک دھیمے لہجے میں ہنسا ۔۔
بولا۔’’ سوالی، مانگنا کیا چاہتے ہو؟
یہ کمنڈل تو تمہارا نعمتوں سے پُر دکھائی دے رہا ہے!‘‘
میں نے کچھ کہنے کو لب کھولے، مگر وہ جانتا تھا ۔۔
جانتا تھا، میں انا پرور ہوں ، اک معبود کو ہی مانتا ہوں 
اور آیا اس لئے ہوں 
تاکہ اس کی بخششوں کو ایسے ٹھکراؤں 
کہ مجھ کو بھیک دینا بھول جائے
اور میں اپنی انا اوڑھے ہوئے ہی لوٹ جاؤں !


دیوتا پھر ہنس کے بولا ۔۔
’’جو تمہارا حق تھا، وہ تم  مندروں میں دیوتاؤں سے 
بہت پہلے ہی جا کر لے چکے ہو
آئے آخر کس لیے ہو؟
 مجھ سے کچھ لینا اگر ہے۔۔۔صرف مجھ سے مانگ کر لو
 شرک کو  تیاگو، سوالی!
ہاں ، اگر میری کسی بخشش کو ٹھکرا  کر
انانیت تمہاری مطمئن ہوتی ہے، تو۔۔۔لو
دان دیتا ہوں تمہیں میں ایک لمبی زندگی کا!
اس کو ٹھکراؤ، تو جانوں !!‘‘

ایک لمحے میں تو صدیاں بھی گزر سکتی تھیں ، لیکن
میں  تو اک معبود کا عابد بھی بننے سے گریزاں تھا ۔۔
 کہا میں نے ،  ’’تتھا استو، رضینا بالقضا۔۔ٹھکرا دیا!‘‘
اور لوٹ آیا!
٭٭٭
شعر کا آزاد ترجمہ یہ ہے: میں  ایک وسیع المشرب،  آ زاد خیال شخص ہوں ۔ مجھ سے تو خدائے وحدہ و لا شریک کی بندگی بھی مشکل تھی، تاہم میرے محبوب نے پوجا میں اس اشتراک کو بھی قبول نہ کیا۔‘‘
’’تتھا استو‘‘ اور ’’رضینا بالقظا‘‘ کے معنی ایک سے ہیں ۔ Lower Arabic مین ’بالقضا‘ کو ’با قضا‘ بولا جاتا ہے۔  (’’ہاں ، مجھے منظور ہے!‘‘۔  ’’اللہ کی مرضی!‘‘)  ستیہ پال آنند
***




طفلِ سِن رسیدہ

سو برس کا میں کب تھا، منشیِ وقت؟

کب نہیں تھے؟ ذرا  بتاؤ تو
تم یقیناً کہو گے، بچپن میں 
کھیلنے کودنے میں وقت کٹا
جب شباب آیا تو ؟۔۔۔کہو، ہاں کہو
کیا  برومند، شیر مست ہوئے؟
کیا جفا کش تھے؟ بے جگر؟ کرّار؟
آمرِ وقت کو کوئی چیلنج؟
سرکشی تختِ مستبد کے خلاف؟ 
کیا  رہے یار باش لوگوں کی
صحبتِ ناؤ نوش میں مدہوش؟
جی نہیں ، ایسی کوئی بات نہیں !
تم رہے بند لائیبریری میں 
وہ کتابیں بھی چاٹ لیں تم نے
جن کو دیمک نے بد مزہ سمجھا!
اس جوانی میں تم رہے مصروف
(جس میں سب لوگ عیش کرتے ہیں !)
منطقی پخت و پز کی کاوش میں !
لفظ بینی کی خشک عادت نے
موٹے چشمے سے ڈھانپ دیں آنکھیں !!
تم نے سیکھے عجب ذہانت سے
ُاُتر میمانسا،  سمکھیا،  یوگ
نیائے، ویدانت اور گیتا گیان
فکر فی نفسہ ، ارتسام  و  خیال
عینیت، مادیت، ورائے وجود
صوفیانہ مراقبہ،  عرفان
بودھی اثباتیت، سمادھی، دھیان۔۔۔۔


۔۔۔۔۔۔یہ کہولت زدہ  بزرگی  کے
 گرد آلود فلسفے ہیں ، جنہیں 
اپنی  نو خاستہ  جوانی  میں 
تم نے سر میں انڈیل کر سوچا
’’اب کلیسا، کلس، حرم ،مینار
جامعات اور ان کا بحرِ علوم
میری جاگیر ہیں ، مری املاک
میں ہوں ذی علم، جیدِ عالم!‘‘
زیست کا نیم پختہ آدھا گیان
کلمۃ  الحق سمجھ لیا  تم نے
اور اک جست میں لڑکپن سے
ہو گئے پیر زال، شیخ البیت!  

منشیِ وقت نے کہا ۔۔۔۔دیکھو
تم نے حدِ بلوغ سے پہلے
اپنی بے رِیش کم سنی کے فقط
 بیس برسوں میں جی لیا صد سال
اور اب طفلِ سِن رسیدہ ہو!
٭٭٭
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔آجکل ۔ اگست ۲۰۰۹ء


یہ ابوالہول زمانے بھر کے
(اپنی رفیقۂ حیات کی رحلت کے بعد لکھی گئی)

تھرتھراتے ہوئے میں دیکھتا ہوں 
آج بھی آئے ہیں وہ بدنما شکلوں والے
جسم انسانوں کے اور چہرے ہیں حیوانوں کے
آج پھر در پہ مرے شورِ قیامت ہے بپا
آج پھر مجھ سے تقاضے کے لئے
دندناتے ہوئے گھس آئیں گے گھر کے اندر
اور پھر مجھ کو بڑے رعب سے دھمکائیں گے
’’تم اکیلے ہو، تمہیں جینے کا کیا حق ہے، کہو!‘‘

’’میں نہیں جانتا۔۔۔۔‘‘  گھگھیاتے ہوئے کہتا ہوں 
’’میں اکیلا ہوں ، مگر اس میں  مرا دوش ہے کیا؟‘‘ 
پھر بھی ڈرتا ہوں ، جھجھکتا ہوں ، نہیں کہہ سکتا
جانتا بھی نہیں ، کیوں اتنا پریشاں ہوں میں !

آج بھی روزکے مانند میں اپنے گھر کے
کسی کونے، کسی الماری میں چھپ جاؤں گا
کانپتا بیٹھا رہوں گا کہ چلے جائیں تو
اپنے ہی گھر میں کچھ آرام میسر ہو مجھے!


کیوں ؟ میں تاریخ سے یہ پوچھتا ہوں 
کیوں ؟ میں خود سے بھی یہی پوچھتا ہوں 
 میں نہ اخناتن ہوں ، نہ توتن خامن
پھر ابوالہول مرے خوابوں کے
(مصر سے چلتے ہوئے آج کے اس لمحے تک)
سارے گھر چھوڑ کے اس بستی کے
(اپنے کمرے میں مجھے یوں تنِ تنہا پا کر)
مجھ کو دھمکانے، ڈرانے کے لئے
میرے گھر میں ہی کیوں ہر رات چلے آتے ہیں !
٭٭٭

شاعر کی اجازت اور تشکر کے ساتھ
تدوین اور ای بک کی تشکیل  :اعجاز عبید
