﻿



میری آنکھوں سے دیکھو





فیصل عظیم













میری آنکھوں سے دیکھو





فیصل عظیم





سنا ہے پیاس کا دریا ہمیں سیراب کر دے گا
چلو ہم بھی چلیں ساحل پہ قسمت آزمائی کو

روشنی کا سفر

	کنگسلے ایمسؔ (Kingsley Amis) کی ایک نظم کا آغاز ان مصرعوں سے ہوتا ہے:
	
	وہ گھوڑا جس کا سوار زقند سے ڈرتا ہو، گر پڑے گا
	بندوق برداروں کا، جنہیں بے یقینی کے لہجے میں حکم ملا ہو، نشانہ خطا ہو جائے گا
	محفوظ تو صرف وہی ہیں جو محفوظ دکھائی دیتے ہیں
	جو اپنی آواز کھو دیتے ہیں، وہ سب کچھ کھو دیتے ہیں

	یہ ایک حقیقت ہے کہ جو افراد تخلیقی سطح پر ادب کی دنیا میں زندہ رہنا چاہتے ہیں انہی کو اپنی آواز کے پا لینے،  سنوارنے اور منوا لینے کی جستجو رہتی ہے۔ کیونکہ بقول ایمسؔ جو اپنی آواز کھو دیتے ہیں، وہ سب کچھ کھو دیتے ہیں۔

	تدریس کے پیشے سے وابستگی کی بدولت ہر سال ہی نئی نسل کے نمایندوں سے میرا رابطہ رہتا ہے۔ مجھے خوشی ہوتی ہے جب نئی نسل کا کوئی فرد کسی مثبت اور تخلیقی شعبے میں کوئی پیش رفت کرتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ پختہ کار اور پرانی نسل کے افراد کو علم و ہنر، ، شعر و ادب اور تہذیب و شایستگی کا ورثہ آیندہ نسل کو اسی طرح منتقل کرنا چاہیے جیسے اولمپک کی مشعل ایک ہاتھ سے دوسرے ہاتھ کو منتقل کی جاتی ہے۔ اس طرح روشنی کا سفر بھی جاری رہتا ہے اور آخر کار روشنی اپنی منزل کو بھی چھو لیتی ہے۔ روشنی اور انسانی معاشرے میں امن و آشتی کا تسلسل رکھنے کے لئے اس عمل کا جاری رکھنا ضروری ہے۔

	میں نے جب پہلی بار نوجوان شاعر فیصل عظیم کا کلام ایک شعری نشست میں سُنا تو مجھے بڑی خوشی ہوئی کہ نئی نسل کے ایک اور نمائندے تک میراثِ پدر منتقل ہوئی۔ اور وہ اس کی صرف حفاظت ہی نہیں بلکہ اس میں اضافہ کرنے پر معمور ہیں۔ فیصل عظیم معروف شاعر، ادیب اور سہ ماہی ’’اقدار‘‘ کے مدیر شبنم رؔومانی کے صاحبزادے ہیں۔ ان کا یہ تعارف تو میں نے کرا دیا لیکن اس سے میری مراد ہرگز یہ نہیں کہ میں قارئین سے انہیں رعایتی نمبر دلوانا چاہتا ہوں۔ انسان کو جب کوئی وصف قدرتی طور پر ودیعت ہوا ہو تو اسے مخفی رکھنے سے کیا حاصل ۔ اور یہ بھی ٹھیک ہے کہ پُر اعتماد نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ آگے بڑھنے کے لئے اپنی ذاتی صلاحیتوں پر انحصار کریں اور بزرگوں سے اپنی نسبت کو ’’تعارف نامے‘‘ یا  Visiting Card کے طور پر استعمال نہ کریں۔

	پھر اہم بات یہ ہے کہ فیصل عظیم نے ایک گھنے برگد اور ’’دوسرے ہمالے‘‘ کے سائے میں رہتے ہوئے بھی خود اپنا قد و قامت نکالا ہے۔ یہ کارنامہ کم اہم نہیں ہے۔ تخلیقِ شعر کی دنیا میں فیصل عظیم کی کاوشیں ہی ان کے خاندانی پس منظر سے زیادہ میری توجہ اور ستایش کا موجب بنی ہیں۔

	فیصل عظیم سن و سال کی جس منزل میں ہیں اس کو ذہن میں رکھتے ہوئے مجھے بیسویں صدی کے دو اہم مغربی شعرا کے اقوال یاد آ رہے ہیں۔ ایک ٹی ۔ایس ۔ایلیٹ  (T.S.Eliot)  اور دوسرے رابرٹ فراسٹ  (Robert Frost)۔  اپنے ایک مقالے ’’روایت اور انفرادی صلاحیت‘‘  میں ایلیٹ نے لکھا ہے کہ ’’جو شاعر پچیس سال کی عمر کے بعد بھی شعر کہنا چاہتا ہو اُسے چاہیے کہ وہ ہومر (Homer)سے لے کر آج تک کے سارے یورپی ادب اور پھر اپنے ملک کے تمام ادب کو ایک ساتھ زندہ رکھے اور یوں محسوس کرے جیسے یہ ایک ہی لڑی میں پروئے ہوئے ہیں۔‘‘  اور رابرٹ فراسٹ کا کہنا ہے کہ میں اپنی شخصی واقفیت اور ذاتی تجربے کی بنا پر یہ کہ سکتا ہوں کہ نئے اور اچھے شاعر چالیس سال کی عمر تک پہنچنے سے بہت پہلے ادبی فضا میں اپنی شناخت پیدا کر لیتے ہیں۔

	میں سمجھتا ہوں کہ فیصل عظیم کا شمار اچھے اور نئے شعرا کے اسی زمرے میں ہونا چاہیے۔ فیصل عظیم جو کچھ کہ رہے ہیں اس کے مطالعے اور سماعت سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ برائے بیت نہیں کہ رہے ہیں۔ ایزرا پاؤنڈ (Ezra Pound) نے نوجوان شعرا کو ABC of Reading (مطالعے کی ابجد)میں نصیحت کی ہے کہ اُسی وقت کوئی بات کہو جب تمہارے پاس کچھ کہنے کو ہو۔ مجھے خوشی ہے کہ فیصل عظیم کے پاس کچھ کہنے کو ہے۔اور جو کچھ انھوں نے کہ دیا ہے اس سے یہ یقین ہو جاتا ہے کہ وہ اپنی حساس طبیعت، مہذّب اسلوب اور شایستہ کلامی سے بہت آگے تک 
بھر پور کام لینے کی کوشش کریں گے۔

	فیصل عظیم ایک حساس اور باخبر نوجوان ہیں۔ وہ پاکستان کے معاشرے میں کھلی آنکھوں اور بیدار ذہن کے ساتھ پروان چڑھے ہیں اور اب امریکہ میں مقیم ہیں۔ نئی دنیا اور پرانی دنیا کے تجربوں اور روایتوں سے گزرنا اُن کے حق میں اچھا ہی ہوا۔ وہ دوسروں کے مقابلے میں جذباتی، ذہنی اور زمینی حقائق سے جلد اور بہتر طور پر واقف ہو گئے اور درد مندی کے ساتھ اس کو شاعری کے پیکر میں ڈھال رہے ہیں۔

	فیصل عظیم نے تخلیقی اظہار کے لئے غزل سے زیادہ نظم کو پسند کیا ہے۔ مجھے ان کا یہ رخ بھی اچھا لگتا ہے۔ اس لئے کہ غزل اپنی توانائی، ایمائیت اور ایجاز کے با وصف زندگی کے متعدد مسائل کو اس طرح نہیں سمیٹ پاتی جس طرح نظم میں ممکن ہوتا ہے ۔ پھر غزل میں بسیار سفر باید کی شرط بھی کچھ کم اہم نہیں ہے۔ نظم میں چونکہ موضوعات اور لفظی اشارات، تجربات و علامات سے فوری تاثر پیدا ہو جاتا ہے اس لئے
		کچھ اور چاہیے وسعت مرے بیاں کے لئے
کے علاوہ ایک فطری تازگی کا احساس بھی ہونے لگتا ہے بشرطیکہ شاعر فرسودہ اسالیب سے بچ کر تازہ کاری کی سمت اپنی توجہ رکھے۔

	فیصل عظیم کے کلام میں پختگی اور رچاؤ تو وقت کے ساتھ ساتھ ہی پیدا ہوگا لیکن اس وقت بھی ان کے اشعار اور نظمیں ذہن و دل کو اپنی طرف کھینچتی ہیں۔

	اب اس پس منظر میں ذاتی صلاحیت اور تخلیقی سکت کے ساتھ ساتھ اس عہد کے نشیب و فراز بھی شاعری کی تفہیم کے لئے پیشِ نظر ہونے چاہئیں۔فیصل عظیم کراچی کی اس فضا سے خوب واقف ہیں جب کراچی کی گلیاں خون میں نہا رہی تھیں، کرفیو کا نفاذ عام تھا، درسگاہوں میں تالے پڑے ہوئے تھے اور مائیں اپنے بچوں کی جان کی خیر منایا کرتی تھیں ۔ پھر انہیں اس امریکہ سے واسطہ پڑا جو 9/11 کے بعد نہ صرف اپنے یہاں بلکہ عالمی سطح پر ہر حساس آدمی کے دل و ذہن پر ضربیں لگا رہا ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پوری دنیا ایک آتش فشاں کے دہانے پر کھڑی ہے۔ عالمی دہشت گردی اور اس کے مضمرات نے پوری دنیا پر خوف کا سائبان تان دیا ہے۔ بے یقینی، تباہی اور ہلاکت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پھر سونامی، قطرینہ، وادیٔ نیلم اور بالاکوٹ جیسے سانحات کے نفسیاتی اثرات و مضمرات اس پر مستزاد ہیں۔ذرائع ابلاغ نے آج کے آدمی کو باخبری اور آگہی کے نام پر جو زخم دئیے ہیں وہ مندمل ہونے کے بجائے ہر لمحہ تازہ ہو جاتے ہیں۔ اس فضا نے نوجوانوں سے اُن کی رومانیت اور فطری سرخوشی چھین لی ہے۔ اس کرب ناک صورتِ حال کو سہنا ایک ایسا جبر ہے کہ اگر آدمی کے پاس اظہار کا کوئی راستہ نہ ہو تو وہ گھٹ گھٹ کر مر جائے۔

	شاید یہی سبب ہے کہ ان دنوں ہمارے ماحول و معاشرے میں کثرت سے شاعری ہو رہی ہے ۔جو اصطلاحی اور فنی معیار کے اعتبار سے ’’شاعر‘‘ نہیں ہیں، انہیں بھی اصرار ہے کہ وہ شاعر ہیں اس لئے کہ محسوسات اور اُن کے بیان کا جبر اُن سے کچھ نہ کچھ کہلوا رہا ہے۔خیالات، جذبات اور واقعات کا دباؤ اپنے اظہار پر مُصر ہے اور بار بار کہہ رہا ہے  ع

			نالہ پابندِ نے نہیں ہے

	فیصل عظیم وطن سے دور رہ کر وطن کے لئے زیادہ شدت سے محسوس کرتے ہیں۔ معاشرتوں کا تقابل، اقدار کی شکست و ریخت کا احساس، عالمی سطح پر ہونے والی چیرہ دستیاں، یہ سب کچھ آج کے حساس آدمی کی طرح فیصل عظیم کی فکر اور شاعرانہ آگہی کے حصے میں آ گئی ہیں۔

	دراصل تخلیق کے سفر میں ایک لمحہ ایسا ضرور آتا ہے جو کہتا ہے کہ مجھے اپنے اسلوبِ سخن میں اسیر کر لو۔ ۔
		شعر خود خواہشِ آں کرد کہ گرد دفنِ ما
اور یہ شاعر کی تخلیقی بیداری کا امتحان بھی ہوتا ہے کہ وہ اس لمحے کو گرفت میں لینے کے ہنگام سے غافل تو نہیں ہے۔ فیصل عظیم کے یہاں اس امر کے قرائن موجود ہیں کہ وہ غافل نہیں رہتے۔

	فیصل عظیم کے کلام میں موضوعات کا تنوع ہے، انہوں نے خود کو دُہرانے اورکسی قسم کی یکسانیت پیدا کرنے سے گریز کیا ہے۔ یہ بھی ایک وصف ہے جس کی خاطر اُن کی شاعری توجہ سے پڑھی جائے گی۔ میں دانستہ فیصل عظیم کی نظموں سے حوالے پیش نہیں کر رہا ہوں ۔ میں چاہتا ہوں کہ میری رائے کچھ ایسا اثر دکھائے کہ آپ اسے اپنے ذوقِ ادب اور سخن فہمی کے ساتھ جوڑ کر فیصل عظیم کی تخلیقی لہر تک خود پہنچنے کی کوشش کریں ۔ مشک اور خوشبو کے درمیان عطّار کا کیا کام ؟

	میں فیصل عظیم کو اُن کے پہلے شعری مجموعے کی اشاعت پر دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں اور ان کے بہتر مستقبل کے لئے دعاگو ہوں۔
			پروفیسر سحرؔ انصاری




دست بستہ

	اپنے یا اپنے کلام کے بارے میں کچھ لکھنا، نثر میں، اور وہ بھی پہلی کتاب پیش کرتے ہوئے، یقیناً مشکل کام ہے، اس لئے کہ جس نے اپنے بارے میں پہلے کچھ نہ لکھا ہو، اس کے لئے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہے کہ بات کہاں سے شروع کرے اور اس سے بھی مشکل یہ کہ کہاں ختم کرے، خصوصاً جبکہ اگلے تمام صفحات پر اپنی نہ سہی، اپنی ہی کہی ہوئی باتیں ہوں۔ یہاں میں یہ بھی نہیں کہ سکتا کہ یہ کتاب میری یا میرے ماحول کی کہانی کا خلاصہ پیش کرنے کی کوئی کوشش ہے کیونکہ اس میں کیا ہے، کیا پہنچ سکا ہے یا کیا رہ گیا ہے، اس کا فیصلہ یقیناً پڑھنے والے صاحبانِ نظر ہی کر سکتے ہیں۔ لہٰذا میں خود شناسی کی خوش فہمی کے بجائے اس بات کا انتظار کروں گا کہ اس کتاب میں مجھے کیسا پایا گیا۔

	جب ’’میری آنکھوں سے دیکھو‘‘ پر کام شروع کیا تھا تو میں اس شش و پنج میں تھا کہ آیا یہ وقت مجموعۂ کلام کی اشاعت کے لئے مناسب بھی ہے یا نہیں اور یہ کہ میری اب تک کی شاعری کا عرصہ کتاب کی اشاعت کے لئے بہت مختصر تو نہیں، مگر پھر یہ خیال کہ زندگی خود اتنی مختصر ہے اور پھر دوستوں اور بزرگوں کی جانب سے حوصلہ افزائی نے یہ فیصلہ کرنے میں بڑی مدد دی کہ کام جاری رکھا جائے ۔ یوں بالآخر دعاؤں اور محبتوں کے سائے میں، میں اپنا پہلا مجموعۂ کلام آپ لوگوں کی خدمت میں پیش کرنے کے قابل ہو ا ہوں۔ 

	یہاں میں تمام دوستوں اور بزرگوں کے شکریے کے ساتھ ساتھ یہ کہنا ضروری سمجھتا ہوں کہ شعر گوئی کے حوالے سے اگرچہ فطرت سب سے بڑی رہنما ہوتی ہے مگر مجھے اپنے والد کی تربیت اور والدہ کی حوصلہ افزائی سے سب سے زیادہ مہمیز ملی ہے اور آج میں یقیناً انہی کی دعاؤں کے سبب یہ پہلا پتھر رکھنے کی کوشش میں کامیاب ہوا ہوں۔ اگر یہ تحریر انتساب کی تعریف پر پوری اترتی ہو تو اسی کو کتاب کا انتساب سمجھ لیجئے۔ کتاب کے حوالے سے مجھے ادب دوستوں سے بس اتنا ہی کہنا ہے کہ اگر ہو سکے تو ’’ میری آنکھوں سے دیکھو‘‘۔
						فیصل عظیم



میری آنکھوں سے دیکھو

فیصل عظیم




خود کلامی

دل تری خلاؤں کی وسعتوں کا زائر ہے
اور سب ترے تَلمیذ، صرف تو ہی شاعر ہے
میں اَسیر لفظوں کا، تو نے جو اُتارے ہیں
میں سفیر جذبوں کا، جو ترے اشارے ہیں
تیری شاعری دنیا، یہ زمیں ترا مطلع
تیری شاعری عقبیٰ، وہ فلک ترا مقطع
زلف بھی ترا مصرع، پھول بھی ترا مصرع
چاند اور سورج بھی، دھول بھی ترا مصرع
یہ سمندر اور دریا سب غزل کی بحریں ہیں
 کس قدر عروضی ہیں، بحر کی جو لہریں ہیں
تیرے استعاروں میں ’’رات، دن‘‘ سمائے ہیں
عارضوں میں بھی تو نے قافیے سجائے ہیں
کیا غضب کی ’’ترکیبیں‘‘ ، یہ تری ہوائیں ہیں
کیا عجب ردیفیں ہیں، جو سیہ گھٹائیں ہیں
یہ  پہاڑ  ہیں  گویا  ایک  مطلعِ ثانی
ان رُموز تک پہنچے کیسے عقلِ انسانی!
منفرد ہر اک پیکر، مختلف ہر اک چہرہ
سوچئے تقابل ہے کس جگہ ردیفوں کا
تیری ہی زمینوں میں قافیے سجاتے ہیں
شعر کہہ کے تجھ کو ہی روز گنگناتے ہیں



نعت

آرزوئیں مدحت کی، لوح کو بھگوتی ہیں
لفظ میری نعتوں کے، آنسوؤں کے موتی ہیں

آنسوؤں کے موتی ہیں یا  وُضو کا پانی ہے
وہ بتائے، طیبہ کی جس نے خاک چھانی ہے

خاک ایک صحرا کی، پھول جس میں کھلتے ہیں
خاک، وہ، جہاں ہم کو دو جہان ملتے ہیں

جو پڑھا کتابوں میں، ہم کو یاد کرنے دو
نور اُنؐ کی سیرت کا روح میں اترنے دو

مکڑیوں کے جالے تھے غار کے دَہانے پر
منکرو ! ذرا سوچو، کون تھا نشانے پر

کس کے اک اشارے پر چاند ہو گیا ٹکڑے
اور سنگریزے بھی ہاتھ کے پکار اُٹھے

وقت لے چلے ہم کو گر اسی زمانے میں
ہم بھی دست بستہ ہوں اُنؐ کے آستانے میں

اب تو یہ بھی خواہش ہے ۔۔’’ایک دن ادھر جائیں
اور ہم مدینے کی خاک میں اتر جائیں

ہوں دُرود سے روشن سب دیے نگاہوں کے
اور ہم مسافر ہوں آخرت کی راہوں کے‘‘






خاموشی

میں تو چپ تھا
لیکن میری آوازوں پر پہرہ تھا
میں تو چپ تھا
لیکن میری فکر کا سایہ گہرا تھا
میں تو چپ تھا
لیکن میرے دل کی دھڑکن ڈولی تھی
میں تو چپ تھا
لیکن خاموشی خود مجھ میں بولی تھی
میں تو چپ تھا
لیکن یہ سنّاٹے چیخا کرتے تھے
میں تو چپ تھا
لیکن سب اس خاموشی سے ڈرتے تھے
میں تو چپ تھا
لیکن درد صدا دیتا تھا سینے میں
میں تو چپ تھا
لیکن کوئی بولتا تھا آئینے میں
میں تو چپ تھا
لیکن میرے اندر حشر سا برپا تھا
میں تو چپ تھا
لیکن میں اس خاموشی سے ڈرتا تھا
میں تو چپ تھا
لیکن اک تہذیب کے ہاتھوں مرتا تھا
میں تو چپ تھا
لیکن میں اس چپ سے باتیں کرتا تھا
میں تو چپ ہوں
لیکن اب چپ رہنے میں دشواری ہے
میں تو چپ ہوں
لیکن اب ان آوازوں کی باری ہے







بہت بے تاب ہے مجھ میں کوئی نغمہ سرائی کو
مقیّد روح نے تن سے پکارا ہے رہائی کو

سنا ہے پیاس کا دریا ہمیں سیراب کر دے گا
چلو، ہم بھی چلیں ساحل پہ قسمت آزمائی کو

بڑھاتا ہوں میں شاخِ گل کی جانب ہاتھ جب اپنا
کوئی چُپکے سے مہکاتا ہے خود اپنی کلائی کو

تمہاری ہی طرح تم سے وفا داری نباہیں گے
ذرا تم دیکھتے جاؤ ہماری بے وفائی کو

دعا کو ہاتھ اُٹھتے ہیں تو یہ احساس ہوتا ہے
کسی سجدے کی حاجت ہی نہیں ہے کبریائی کو

بہت کمزور ہیں شاہو! تمہارے تخت کے پائے
ہٹاؤ مت جگہ سے تم فقیروں کی چٹائی کو





میری آنکھوں سے دیکھو

اک روز اپنے آپ کو میں نے 
خلا کی وسعتوں سے جھانک کر دیکھا
تو وحشت میں پلٹ آیا
کہیں پر، دور، اک نقطہ سا روشن تھا
کہ جس میں غور سے دیکھیں تو اک ذرّہ دکھائی دے
زمیں کہیے، زماں کہیے، کہ اپنا آسماں کہیے
سبھی کچھ اُس میں گم پایا
وہ اک ذرّہ!
کہ جس کی وُسعتوں کو بانٹ کر ہم نے
کئی خطّے بنا ڈالے
ہر اک خطّے میں ہم نے سرحدیں بھی خوب کھینچی ہیں
سو اک سرحد کے اندر بھی کئی ٹکڑے نظر آئے
کہ جن ٹکڑوں کے ٹکڑوں میں کہیں اک شہر بستا ہے
کہ جس کے ایک ٹکڑے  میں کہیں کوئی محلہ ہے
کہ جس کے ایک حصّے میں کوئی چھوٹا سا گھر ہوگا
اور اُس گھر کے کسی کمرے کے کونے میں
کوئی اپنی حقیقت لکھ رہا ہوگا






گریں گی جتنی دیواریں اٹھا لو
چلو اب یوں بھی ہم کو آزما لو

ہماری خودسری ہے روزِ روشن
تم اپنے چاند تاروں کو سنبھالو

تماشہ ہوں، تماشائی نہیں ہوں
مجھے آئینہ خانے سے نکالو

چھلک جائے نہ پیمانہ کسی دم
صراحی چھوڑ دو، مجھ کو سنبھالو

مری آنکھوں میں خوابوں کا نشہ ہے
یہ سرخی تم بھی آنکھوں میں سجالو

مرے جوہر امانت ہیں تمہاری
میں پتھر ہوں مجھے شیشہ بنا لو

غضب کا اب کے احساسِ زیاں ہے
حصارِ ذات سے مجھ کو نکالو

یہ کس کے نقشِ پا لو دے رہے ہیں
یہ شمعیں اپنی راہوں میں جلالو

میں کیوں اپنے ہی لفظوں میں گھرا ہوں
مجھے آفاق کے مصرعوں میں ڈھالو!




اَن کہی

وہ مجھ سے کہتا ہے اکثر
انسانوں میں رہنا سیکھو
آوازیں پیچھا کرتی ہیں
آوازوں سے لڑنا سیکھو
حرفوں کی حُرمت کو چھوڑو
لفظوں کی دلّالی سیکھو
لہجوں کی نقالی سیکھو
یہ آوازوں کا جنگل ہے
اِس میں خود کو سننا چاہو
تو ہر جھوٹ کو سچ میں ڈھالو
لفظوں کو بے معنی کر کے
اپنے معنی آپ نکالو

وہ مجھ سے کہتا ہے اکثر
’’دنیا کو تم کیا بدلو گے
خود ہی دنیا میں ڈھل جاؤ‘‘

میں یہ سوچ کے رہ جاتا ہوں
’’کیسے میں اُس کو سمجھاؤں
یہ بے چاری دنیا کیا ہے!‘‘








کبھی قطرہ، کبھی دریا، کبھی غرقاب ہوتا ہوں
کبھی اپنے لئے بھی کس قدر نایاب ہوتا ہوں

میں صحرا ہوں مگر تُو تو سمندر ہو کے پیاسا ہے
میں اپنے ہی سرابوں سے بہت سیراب ہوتا ہوں

ابھی تو دستِ ساقی میں چھلکتا جام ہوں گویا
اگر میں ہاتھ سے چھوٹوں تو پھر زَہراب ہوتا ہوں

جو رات آنکھوں میں کٹتی ہے غزل کہتے ہوئے اکثر
میں اُس شب تجھ سے ملنے کو بہت بے تاب ہوتا ہوں

بھٹکتا پھر رہا ہوں میں تلاشِ یار میں کب سے
کبھی جلتا ہوا سورج، کبھی مہتاب ہوتا ہوں



پردیس

پوچھ رہا ہے کوئی مجھ سے
آب و ہوا ان شہروں کی
قصّے فرصت کے لمحوں کے
باتیں آٹھوں پہروں کی
کوئی کہتا ہے ’’کیا دیکھا
غیروں کی اس بستی میں؟
موسم کیسے ہیں شہروں کے؟
لوگ ہیں کتنی پستی میں؟‘‘
’’ذکر کرو کچھ رنگ و بو کا، 
کچھ پھولوں، کچھ کلیوں کا
کچھ برسات کا نقشہ کھینچو، 
کچھ پردیس کی گلیوں کا‘‘
’’لوگ ملے ہیں کیسے تم کو؟
کیا لہجوں میں نرمی ہے؟
کیا ان برف زدہ لوگوں میں
اب بھی پیار کی گرمی ہے؟‘‘
لیکن ایسی باتیں کہہ کر میں خود سے شرمایا ہوں!
میں تو اپنے سارے موسم اپنے ساتھ ہی لایا ہوں!






پہچان



ہاں ابھی وقت ہے اپنی پہچان کا
ہاں ابھی ربط ہے جسم اور جان کا
آگیا سر پہ سورج بھی جلتا ہوا
خون بھی ہے رگوں میں مچلتا ہوا
کیوں ہے پھر یہ خموشی سی چھائی ہوئی؟
کیوں ہیں مہریں لبوں پر لگائی ہوئی؟
جرم ہے، یہ زبانوں پہ تالے نہیں
راہ پُرخار، پیروں میں چھالے نہیں!
خواب جلتے رہے، کیوں نہ دہکے بدن؟
کیوں وفا کی مہک سے نہ مہکے بدن؟
آئینہ کیوں نہ بڑھ کر دکھایا گیا؟
کیوں حقیقت سے دامن چُرایا گیا؟
کس لئے اک اِشارے پہ سَر خَم ہوئے؟
کیوں بھڑکتے ہوئے شعلے مدھم ہوئے؟
بند کس نے کیا عشق کے باب کو ؟
کیا ہوا سَرفروشی کے آداب کو؟
سانپ کیوں آستینوں میں پالے گئے؟
کیوں دِوانے صفوں سے نکالے گئے؟
کس نے رکھا ہے فرعون کے سر پہ تاج؟
کیوں نہ رکھی گئی اپنی قدروں کی لاج؟
ہاں، اگر تجھ کو اندیشۂ جان ہے
کیا تجھے زندگی کی بھی پہچان ہے؟
آئے گی ایک دن موت، یہ جان لے
ہاں، ابھی وقت ہے! خود کو پہچان لے




ڈال رکھّا ہے یہاں سانپوں نے ڈیرا، کیا کروں؟
بس گیا ہے روح کے اندر سپیرا، کیا کروں؟

شہر میں لے کر تو میں نکلا ہوں اک روشن دیا
ہے مگر میرے تعاقب میں اَندھیرا، کیا کروں؟

اَب نگاہوں میں کوئی چہرہ سماتا ہی نہیں
خواب کرتے ہیں اِن آنکھوں میں بسیرا، کیا کروں

تیرے شکوے  دُور کرنا اب مرے بس میں نہیں
میں نے تو اَنداز اپنایا ہے تیرا، کیا کروں

کیسے کر لوں کوئی سمجھوتہ شبِ تاریک سے؟
مان لیتا ہوں نہیں ہوگا سویرا، کیا کروں؟

چل رہی ہے دِل کی دنیا میں بغاوت کی ہَوا
رہنما ہی بن گیا ہو جب لٹیرا، کیا کروں؟

بانٹ لیں سب نے مرے حصّے کی سب آزادیاں
ہو گیا ہے تنگ آزادی کا گھیرا، کیا کروں؟

میری خود اپنے گریباں تک پہنچ ممکن نہیں
باندھ رکھّا ہے کسی نے ہاتھ میرا، کیا کروں؟







حیرت کدہ


کل رات بہت سوچا میں نے
کچھ خاکے کھینچنا چاہے بھی
کچھ چہرے بھی، کچھ سائے بھی
کچھ رنگوں سے بھی کام لیا
کچھ حرفوں سے مہلت مانگی
لیکن میں نے جتنا سوچا
اُتنا الجھا!
جتنے خاکے کھینچے میں نے
سب مسخ شدہ خاکے نکلے
جتنے چہرے سوچے میں نے
وہ سارے ہی بے نقش ملے
جتنے سائے دیکھے میں نے
سب آپس میں تحلیل ہوئے
جتنے رنگوں سے کام لیا
سب نے ہی لہو کا رنگ دیا


جتنے حرفوں نے مہلت دی
سب واپس لی
میں حیرت سے جاتی شب کا منہ تکتا ہوں
کس سے پوچھوں
کس نے تاریخ لکھی میری؟




مجھے گنگنا رہے ہیں ترے شہر کے منافق
تجھے آزما رہے ہیں ترے شہر کے منافق

مرا جذبۂ محبت ترے شہر کا اَثاثہ
مجھے کیوں گنوا  رہے ہیں ترے شہر کے منافق؟

ہیں انہی کی ٹھوکروں میں مرے شہر کے گھروندے
جو محل بنا رہے ہیں ترے شہر کے منافق

مرے جسم کی رگوں میں ترے ہاتھ کی حنا ہو
تجھے یوں سجا رہے ہیں ترے شہر کے منافق

ترے شہر میں نہ ہوگا کوئی بے صفات مجھ سا
بڑے با صفا رہے ہیں ترے شہر کے منافق

مرا حرفِ بے ریا ہے کہ دلوں کا آئینہ ہے
جو نظر چُرا رہے ہیں ترے شہر کے منافق

میں جہاں نکھر چکا ہوں، میں جہاں بکھر چکا ہوں
وہیں جگمگا رہے ہیں ترے شہر کے منافق

کہ ہوں درمیاں ہمارے کئی اور بھی فصیلیں
ترا قد بڑھا رہے ہیں ترے شہر کے منافق






گوشۂ  تاریک



کبھی قیصر، کبھی کسریٰ، کبھی فرعون کی شاہی
کبھی یونانیوں کے علم و حکمت کی شہنشاہی
کبھی طاؤس کے چرچے، کبھی احرام کے قصّے
کبھی تہذیبِ گندھارا کے، ہندوستان کے قصّے
کبھی انصاف کے چرچے تو اِستعمار کی باتیں
کبھی منگول کا سورج، کبھی بغداد کی راتیں
کبھی سیلاب نو آبادیوں میں آئیں پچھم کے
کبھی کچھ پھَڑپھَڑاتے اِشتراکی سُرخ پرچم سے
کبھی اہلِ عرب کے علم کا چرچا زمانے میں
کبھی مصروف ہے مغرب خلا کو گھر بنانے میں
زمیں پر کیسے کیسے انقلابی دور آئے ہیں
خلاؤں میں بھی آدم نے نئے رستے بنائے ہیں
نہیں بدلا تو اک بازار کا منظر نہیں بدلا
غلامانِ ہوس کا آج بھی محور نہیں بدلا
یہ گھنگھرو ہے کہ زنجیرِ قفس کا اِستعارا ہے
ہر اک تہذیب کو بازار یہ کیسے گوارا ہے!
ہے اک مٹی کا پیکر جو سدا مجبور پایا ہے
سو ہر اک دور نے بازار میں اُس کو سجایا ہے
اُسی کی لاش سے کیوں عیش کی محفل سجائی ہے؟
ہمیشہ کیوں اُسی معصوم کی بولی لگائی ہے؟
اِسے تذلیل لکھوں گا، اِسے تضحیک لکھوں گا
اِسے  ہر  دور  کا  میں  گوشۂ  تاریک  لکھوں  گا









پیاسا دریا


اپنے چہرے پہ اک داستاں لکھ رکھی تھی
اور آنکھوں میں اپنی
میں کتنے سوالوں، جوابوں کی تحریر لے کر چلا تھا
مگر چہرہ پڑھنے کی فرصت کسے تھی!
کسے فکر تھی
یہ یقین اور حیرت کے سب رنگ کس کے لئے ہیں
کسے جستجو تھی
میں کیا سوچتا ہوں
میں کیا کہ رہا ہوں
سبھی تو کسی اور  وحشت میں گم تھے
مرے دوستو، لو
میں اپنا سا منہ لے کے پھر آگیا ہوں
مگر تم کو بھی اِس کی فرصت کہاں ہے !




زباں صَدمے سے ہے خاموش، آنکھیں میری پتھر ہیں
کبھی بازار گھر سے دُور تھے، اب گھر کے اندر ہیں

کہاں تک اِرتقا کی بے لگامی دیکھ پائیں گے
ہم آزادی کے دیوانے پر اپنی حد کے اندر ہیں

ہمارے ہاتھ سے ٹوٹیں گے یہ بت نَو تراشیدہ
صنم خانے کا حصہ ہیں مگر ہم ابنِ آزر ہیں

نہ پاسِ ابنِ آدم ہے نہ حرمت بنت حوا کی
نشانِ بے لباسی ہیں کہ آزادی کے پیکر ہیں؟

ہمیں تو پتھروں کا دَور پھر محسوس ہوتا ہے
ترقی کے ہیں عنوانات اور پستی کے منظر ہیں






Connecting Flight



گھر مشرق میں
ہم مغرب میں
جسم سرائے جیسا ہے اب
دولت کیا گل کھِلوائے گی!
ہم تو خیر سے بستر پر ہیں
لیکن روح ابھی تک گویا رستے میں ہے
انجانے سے ایک ہوائی اڈے پر گم صم بیٹھی ہے
اور
اگلی پرواز کا بھی اعلان
ابھی ہونا باقی ہے







لہو آنکھوں سے ٹپکایا مرے دل کی کہانی نے
مرا دامن کیا ہے تَر مری آنکھوں کے پانی نے

زمیں احساس کی بنجر پڑی تھی کتنے برسوں سے
اسے زندہ کیا زخمِ جگر کی مہربانی نے

ہُوا پردیس میں آ کر جو احساسِ زیاں پیدا
چلو کچھ  تو  دیا  مجھ کو  مری  نقلِ مکانی  نے

چھپا کے راز ہم خوش تھے کہ تو نے معتبر جانا
مگر دُکھ ہے کہ ہم کو مار ڈالا راز دانی نے







Return Ticket


بھاری بھاری بکسے اپنے
پیاری پیاری آنکھوں
اور کچھ ہنستے بولتے چہرے والے
لوگوں کے ہاتھوں میں دے کر
دل پر اتنا بوجھ لئے
پھر اُڑنے کی تیاری کر لی
سر تو بوجھل ہے ہی
 لیکن دل پر بوجھ بہت بھاری ہے
پھر بھی واپس تو جانا ہے





جزیروں میں بٹے لوگ




ایک جزیرہ تیرے گھر کا
ایک جزیرہ میرے گھر کا
ایک جزیرہ  بازاروں کا
ایک جزیرہ وہ ہے جس پر خود کو بیچ کے آ جاتا ہوں
ایک جزیرہ خوشیوں کا ہے
ایک جزیرے پر مسجد ہے
ایک پہ رقص اور موسیقی کے ساز سجے ہیں
اور جزیروں کو آپس میں
سڑکیں جوڑ دیا کرتی ہیں
اب کے چھٹی کا دن ہو گا
تو ہم پھر اپنی گاڑی میں
اُن سڑکوں پر بہتے ہوں گے



سونے کی زنجیر پہن لی، کیوں اپنی رسوائی کی؟
اپنے حال پہ ہنستی ہے اب ہر اُمّید رہائی کی

تہذیبِ نو  وہ  حد  چھونے  والی  ہے  اُونچائی  کی
گلیوں گلیوں خاک اُڑے گی قدروں کے شیدائی کی

دِن میں پیاسی دھوپ کا دریا، شب میں آگ لگاتا چاند
آج سنائی کس نے یہ رُوداد مری تنہائی کی؟

آج کے ہر اک منصف نے ہم کو مجرم ٹھہرایا ہے
ہم بھی تو ’’اِس‘‘ دَور میں باتیں کرتے ہیں دانائی کی

اب تو ہنر کی آہیں میرے دل میں آگ لگاتی ہیں
مجھ کو اکثر چیخ سنائی دیتی ہے شہنائی کی

ہم کس شوق سے اُن کی شان میں نازک غزلیں کہتے ہیں
وہ شرما کر کہتے ہیں ’’یہ باتیں ہیں رُسوائی کی‘‘

اُس نے جب تعریفوں کو رُسوائی سے تعبیر کیا
میں نے دنیا بھر میں کھل کر اُس کی خوب برائی کی

وقت کی لیلیٰ نے مجنوں سے کی ہو گی کچھ فرمائش
وجہ یہ ہوسکتی ہے فیصلؔ آج کی اِس مہنگائی کی










دِل کی باتیں



میں بھی شورِ دنیا میں دِل کی بات سنتا ہوں
کارگاہِ حسرت میں،  مَیں بھی خواب بنتا ہوں
وہ جو میرے باطن میں رَوشنی کا ہالا ہے
اُس سے میری آنکھوں میں صبح کا اُجالا ہے
میرے بھی تنفّس میں خوشبوؤں کا ڈیرا ہے
میرے بھی خیالوں میں حُسن کا سویرا ہے
عارضوں میں سورج کو میں نے بھی تراشا ہے
میرا نغمۂ دل بھی موسموں کی بھاشا ہے
میں نے بھی لبوں کے خط کاغذوں پہ کھینچے ہیں
خونِ دل سے میں نے بھی یہ گلاب سینچے ہیں
ریشمی گھٹاؤں کو تان کر جو سوتا ہوں
میں سیاہ زلفوں میں آرزو پروتا ہوں
بولتی ہوئی آنکھیں ہر اُفق پہ ہوں گویا
میں نے ایسی آنکھوں میں اپنا آپ بھی کھویا
اُن جھکی سی پلکوں میں اک جہانِ معنی ہے
اور ہر ایک جنبش میں اَن کہی کہانی ہے
وہ جو اُس کے ماتھے سے پھوٹتی ہیں کرنیں سی
اُن سے جاگ اُٹھتی ہے میرے دل کی دنیا بھی
وہ ہے اک ہیولیٰ سا، مدتوں کی حیرت بھی
اُس کے ہاتھ پر کی ہے عاشقی کی بیعت بھی
میں اگرچہ راقم ہوں زندگی کی وحشت کا
جل رہا ہے مجھ میں بھی آفتاب اُلفت کا
میں بھی حُسن پروَر ہوں، میں بھی خار چنتا ہوں
کارگاہِ حسرت میں،  مَیں بھی خواب بنتا ہوں








خوشبو سمٹی سمٹی ہے زُلفوں کے زینے میں
کیسے آیا بال ترے دل کے آئینے میں

پچھتاووں کا زہرِ  ہلاہل اُترا سینے میں
ڈوب رہی ہے میری زندہ لاش پسینے میں

دل پر بوجھ بڑھا دیتا ہے فرصت کا ہر پل
کیا کیا لطف اُٹھائے ہم نے آنسو پینے میں

رہتا تھا جو میرے اندر وہ تو چھوڑ گیا
اب کیا رکھا ہے اِس خالی خالی جینے میں

ہوش میں آ کر سوچ رہے ہیں کیا کر بیٹھے ہم
جیون بھر کا نام گنوایا ایک مہینے میں

اک لمحے میں کر بیٹھے تھے چاک گریباں کیوں؟
اب تو ساری عمر لگے گی اِس کو سینے میں







ورلڈ ٹریڈ سینٹر کا ملبہ



عمارت کیا گری!
محسوس ہوتا ہے، 
کہ اپنے گھر کے بھی دیوار و در ٹوٹے
ہمارے سر پہ گویا چھت نہیں باقی
کھڑے ہیں بے سر و سامان، بے سایہ
’’کسی‘‘ کا سانحہ
’’ہم ‘‘ کو  بلا کی دھوپ میں لایا
کبھی تو پاؤں جلتے تھے
مگر اب سر بھی زد پر ہیں
یہ سمجھیں جیسے اب ہم سب فنا ہونے کی حد پر ہیں


عمارت کیا گری !
ہم لوگ میلوں دور بھی پتھرا گئے جیسے
ہم اس کے ٹوٹتے ملبے کے نیچے آ گئے جیسے

وہ پتھر، اینٹ اور گارا  تو آخر ہٹ ہی جائے گا
مگر ہم پر گرا جو، کون ’’وہ‘‘ ملبہ ہٹائے گا؟
ہمارے ساتھ ہے تہذیب اور تاریخ بھی شاید!
سنائی دی ہے ہم کو دینِ حق کی چیخ بھی شاید!
صدا زخمی سہی لیکن غنیمت ہے، صدا توہے!
ہمیں خود احتسابی کا کوئی موقع ملا تو ہے!








ہر قدم پر ابتدا کو انتہا کرتے ہوئے
چل رہا ہوں منزلوں کو راستا کرتے ہوئے

درد کے احساس کو حد سے سوا کرتے ہوئے
ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا دل حوصلا کرتے ہوئے

بجھ گیا وہ ظلمتوں کی انتہا کرتے ہوئے
ہو گیا تنہا مجھے بے آسرا کرتے ہوئے

سانس کیوں لینے نہیں دیتا ہے یہ ماضی کا بوجھ
دَم نکل جاتا ہے کفّارہ ادا کرتے ہوئے

تو نے بھی رستے میں چھوڑا مجھ کو اوروں کی طرح
میں بھی کیوں رُکتا ترے حق میں دعا کرتے ہوئے

یہ چراغِ  آخرِ شب جلد ہی بجھنے کو ہے
آؤ اس کی لَو میں جل جائیں وفا کرتے ہوئے

آؤ اک دوجے سے مل کر زخم دھو ڈالیں سبھی
اپنی ہی آنکھوں کے پانی کو دوا کرتے ہوئے

مانگتے ہو مجھ سے اب بھی میری چاہت کا ثبوت
جی اٹھا تھا میں کبھی خود کو فنا کرتے ہوئے

کس قدر سفاک ہوتا ہے دلوں کا احتساب
کانپ کانپ اٹھتا ہوں اب کوئی خطا کرتے ہوئے

جی اٹھی میرے بدن کی روشنی سے کائنات
جل رہا ہوں دوستی کا حق ادا کرتے ہوئے








کاغذوں پر لکھ دیا ہر ایک لمحے کا عذاب
اپنے ماتھے کی لکیریں،  اپنی آنکھوں کے سراب

ہر گزرتا پل مجھے ڈستا ہے ناگن کی طرح
کوئی وحشت کی کہانی ہے کہ یادوں کی کتاب

مصلحت نے عشقِ سادہ کو معمّہ کر دیا
اُس کا اک واضح اشارہ،  میرا پیچیدہ جواب

میرے رہبر نے مرا نشّہ بڑھانے کے لئے
پھر پلائی ہے مجھے جی بھر کے لفظوں کی شراب

یاد کر لیں گے تری قربت کے ہم احسان بھی
پہلے ہو جائے ذرا فرقت کی شاموں کا حساب

کچھ نہیں ہوگا تمہاری بے سبب تکرار سے
کب تلک کہتے رہو گے احتساب و احتساب

کوئی مجھ کو بھی سکھا دے آسماں چھونے کا فن
سوچتا ہوں فرش پر کیسے اُتاروں آفتاب



آقا

غلاموں کی صفوں سے آ رہی ہیں کیسی آوازیں
کہ جیسے آج ہر اک تختِ شاہی کو گرا دیں گے
کہ جیسے ہر جلالِ بادشاہی کو جلا دیں گے
پریشاں ہو گئے آقا  !
ابھی تو کچھ دیوں کی روشنی ہے آپ کی زد میں
ابھی تو کچھ اضافہ اور ہوگا آپ کے قد میں
ابھی تو کچھ اندھیرا اور بڑھنا ہے شبستاں میں
ابھی تازہ لہو کچھ اور بہنا ہے گلستاں میں
غنیمت ہے ابھی تو تخت کے پائے سلامت ہیں!
مرے آقا! ابھی دربار کے سائے سلامت ہیں!
پریشاں ہو گئے آقا ! ابھی تو رات باقی ہے
ابھی تو آپ جیتے ہیں، ابھی تو مات باقی ہے
ابھی تو زرد موسم ہے، ابھی برسات باقی ہے
ابھی کچھ وقت باقی ہے طلوعِ صبحِ امکاں میں
ابھی کچھ اور زنجیریں صدائیں دیں گی زنداں میں
ابھی کچھ اور سرجو خم نہیں ہوں گے، قلم ہوں گے
ابھی کچھ اور ہاتھوں میں بغاوت کے علم ہوں گے
ابھی کچھ اور افسانے محبت کے رقم ہوں گے
ابھی راہِ وفا میں اور کچھ تازہ ستم ہوں گے
پھراسکے بعد تم ہو گے، پھراسکے بعد ہم ہوں گے!!







یہ اپنے سر بہت بھاری ہمیں لگتے ہیں شانوں پر
مگر رکھے نہیں جاتے کسی کے آستانوں پر

بنے ہیں مقبروں کے شہر میں اُونچی چٹانوں پر
کبھی تو آگ برسائیں گے ہم ایسے مکانوں پر

جنہوں نے نفرتوں کا زَہر خود ہم کو پلایا تھا
ہر اک الزام دھَرتے ہیں وہی اَب نوجوانوں پر

کہاں تک ہم پہ یہ پتھراؤ طنز آمیز لفظوں کا
کبھی تو آزماؤ پیار بھی ہم سخت جانوں پر

اگرچہ ہم بھی مالک تھے مگر مہمان کہلائے
چلو یوں بھی ہمارا کچھ تو حق ہے میزبانوں پر

کڑکتی بجلیوں کو دیکھ کر ایسا لگا مجھ کو
لکیریں میرے ہاتھوں کی ہوں جیسے آسمانوں پر




چڑھتا سورج پوجنے والے اک دن دھوکہ کھائیں گے
شام ڈھلے یہ سائے میرے پیچھے پیچھے آئیں گے

تم دھرتی کے بیٹے ٹھہرے، دن کو رات کہو یا دن
ہم اِس دل کی بات کہیں گے تو باغی کہلائیں گے

ہم اک اجڑے شہر کے باسی، ہم اک ٹوٹے دل والے
اپنے زخمی لہجے میں ہم کیسے گیت سنائیں گے

آگے جانے والے دیکھو راہ نہ روکیں جذبوں کی
یہ آنکھوں کے رستے نکلے تو شعلے بن جائیں گے

ہم تو یہاں سنتے رہتے ہیں روز خدائی کے دعوے
ہاں! لیکن اُس روز کہ جب ہم موسیٰ بن کر آئیں گے

ہم سے خاک نشینوں سے وہ الجھے ہیں نادانی میں
ہم کو تو معلوم ہے اک دن خاک میں سب مل جائیں گے

اب فصلیں تیار کھڑی ہیں، اب کیا سوچ رہے ہیں آپ؟
نفرت کے بیجوں سے صاحب اور بھلا کیا پائیں گے

ہم کو کیا معلوم تھا جن کے سر پہ ابر کی چھاؤں تھے ہم
وہ اک روز ہمیں ہی قطرے قطرے کو ترسائیں گے





اجنبی


مجھے  یاد ہے آج تک وہ سفر
سفر تھا اگرچہ بہت مختصر
ذرا دُور جانا تھا مجھ کو، مگر
یہ خواہش تھی چلتا رہوں عمر بھر
رہی تھی نہ کچھ مجھ کو منزل کی آس
وہ جب آ کے بیٹھا ذرا میرے پاس
مرا دل عجب کیف سے بھر گیا
میں رکتی ہوئی سانس سے ڈر گیا
نظر بھر کے جب اُس نے دیکھا  مجھے
نشے کے سمندر میں پھینکا مجھے
عجب بے خودی تھی، عجب اضطراب
میں سمجھا، ملے گا مجھے کچھ جواب
میں اپنی ہر اک بات کو بھول کر
بڑے غور سے اُس کو تکنے لگا
مرا دَم اُسی دَم اٹکنے لگا 
وہ زلفیں تھیں یا کوئی زنجیر تھی 
وہ میری غزل تھی کہ تصویر تھی
غزل اُس کے چہرے پہ لہرا گئی 
تو چاروں طرف رنگ بکھرا گئی 
وہ موسم سہانا، وہ آنکھوں کی جھیل 
وہ کانوں کی لوَ میں ستارہ سی کیل
وہ ہونٹوں سے کچھ دُور پیارا سا تل 
وہ چہرے پہ گھبراہٹیں مستقل
وہ آنکھوں کی جھیلوں میں روشن کنول 
وہ بالوں کا جھٹکا، وہ گردن کا بل
وہ اُس کے لبوں کا خفی ارتعاش
وہ نادیدہ ہاتھوں کی نازک تراش
مرے دل سے بس یہ نکلتا تھا ’’کاش!
اُسے ہو مری ہی نظر کی تلاش 
مرا سایہ اُس کے خیالوں پہ ہو
تو رنگِ حیا اُس کے گالوں پہ ہو ‘‘
وہ معصوم صورت، وہ کھِلتا سا رنگ
جسے دیکھ کر بج اٹھے جلترنگ 
نہ وہ اجنبی تھا ، نہ تھا میرے سنگ 
میں قسمت سے کر بھی نہ سکتا تھا جنگ
وہ کچھ دُور جا کر جدا ہو گیا 
یہ کیا ہو رہا تھا، یہ کیا ہو گیا!
 **




چہرے پر انجانی شوخی، آنکھوں میں روشن ارمان
جیسے خاموشی سے کر دے کوئی چاہت کا اعلان

میری ہر اک بات بنی ہے اُس کے ہونٹوں کی زینت
اُس کی ہر اک سوچ کا محور، میری باتوں کا عنوان

دنیا کی ہر ٹھوکر کچھ امیدیں اور جگاتی ہے
دل ہر موڑ پہ کرتا ہے اک اور بغاوت کا اعلان

دنیا کے بت خانے میں ہم سوچ رہے ہیں مدت سے
کتنے بت ہیں چلتے پھرتے، کتنے انساں ہیں بے جان

میرے ہر اک شعر پہ فیصل۔۔۔  وہ نظریں جھک جاتی تھیں
میں نے بھی اس  ایک  ادا  پر لکھ  ڈالا  پورا  دیوان


جمود
سبھی ہیں اِس فریب میں کہ زندگی سفر میں ہے
ہر ایک ذی نفس تغیرات کے اثر میں ہے
مگر یہ کیسی گردشِ زمین و آسمان ہے؟
ہمیں تو کائنات کے جمود کا گمان ہے
وہی ہیں آفتاب کی تپش سے سوختہ بدن
وہی ہیں یہ پہاڑ بھی، وہی ہیں ان کے پیرہن
وہی ہے اب بھی تیشہ گر اَزل سے اک عذاب میں
وہی ہے جوئے شِیر کا سوال بھی جواب میں
وہی ہیں اونچ نیچ کی اِضافتیں سماج میں
وہی ہے روشنی کی جنگ ظلمتوں کے راج میں
وہی دیے کی کشمکش، وہی ہوا کا مسئلہ
وہی ہے اک ضعیف قوم کی بقا کا مسئلہ
وہی ہے کوزہ گر کا آندھیوں سے ٹوٹتا مکاں
وہی مفکّروں کے سر ہتھیلیوں کے درمیاں
وہی ہے فن کا دیوتا شکستہ خواب کی طرح
وہ ظلمتوں کے درمیان ماہتاب کی طرح
وہ نیند اور خواب سب سپردِ شب کئے ہوئے
وہ رات رات بھر ہے خود کو جاں بہ لب کئے ہوئے
وہ ہانپتے ہوئے بدن تلاشِ روزگار میں
وہ اک ہجومِ بے کراں خداؤں کے حصار میں
وہی اَزل سے جاری کشمکش ہے دن کی دھوپ میں
وہی ہے اک جمود سا ترقیوں کے روپ میں



کٹ گئیں جب جوشِ اظہارِ ہنر میں انگلیاں
تب کہیں ڈوبیں مرے خونِ جگر میں انگلیاں

دیکھیے انجام کیا ہو اِس وفا کی راہ پر!
ہم پہ تو اٹھی ہیں آغازِ سفر میں انگلیاں

لکھ رہی ہیں ریگِ ساحل پر انوکھی خواہشیں
آ گئی ہیں تیری باتوں کے اثر میں انگلیاں

میرے شب خانے میں رہتا ہے کوئی میرے سوا
کوئی چٹخاتا ہے اب دیوار و دَر میں انگلیاں

آخرِ شب میں دیا خود کو بنایا تھا کبھی
آج بھی جلتی ہیں اُمیّدِ سحر میں انگلیاں

پابجولاں پھر کوئی مارا گیا ہے شہر میں
کس کی جانب اُٹھ رہی ہیں اس خبر میں انگلیاں؟

کیا خبر تھی عشق اپنا رائیگاں ہی جائے گا
کیا خبر تھی یوں چبھیں گی چشمِ تر میں انگلیاں

روشنی لکھی ہے میں نے گو مجھے معلوم تھا
کاٹ دی جاتی ہیں اِس اندھے نگر میں انگلیاں





سرزمینِ آزاد

کبھی خوابوں میں ہم کو اک نئی دنیا بلاتی تھی
ہَوا پردیس کی کچھ نت نئی باتیں بتاتی تھی
کبھی ہم سوچتے تھے ایک دن ہم اُڑ کے جائیں گے
جہاں جا کر ہم اپنے ہر جنوں کو آزمائیں گے
وہاں آزاد پنچھی پر فضا میں پھڑپھڑائیں گے
تو ہم بھی اُس فضا میں دُور تک اُڑتے ہی جائیں گے
مگر کیسی فضائیں اور کیا اُڑنے کی آزادی
ہوائیں بھی نظر آتی ہیں اب تو ہم کو فریادی
جہاں انساں کی آزادی کے بُت کی حکمرانی ہے
جہاں زندہ دلوں نے زندگی کی قدر جانی ہے
جنھیں دنیا کو عہدِ نو کی آزادی دکھانی ہے
وہاں اَوروں کی خاطر تو روش صدیوں پرانی ہے
وہاں انسانیت کے نام کا پرچار ہوتا ہے
تو کیوں غیروں کے ارزاں خون کا بیوپار ہوتا ہے؟
وہ دل، جو دیکھ کر زخمی پرندہ چوٹ کھاتے ہیں
وہ اپنے ہاتھ کے خنجر سے کیوں نظریں چراتے ہیں؟
نجانے اب ہَوا کس رنگ کے پیغام لاتی ہے!
ہمیں تو سبزہ و گل سے لہو کی باس آتی ہے!





جب کبھی خود کو آزمایا ہے
تجھ کو اپنے قریب پایا ہے

ذہن و دل میں ہے روشنی کیسی؟
کون اِس بت کدے میں آیا ہے؟

جگمگاتا ہوا کوئی جگنو
پھر مرے شب کدے میں آیا ہے

خونِ ناحق لکھے گی پھر تاریخ
پھر کوئی کربلا میں آیا ہے

پھر بڑھا ہے یزید کا لشکر
پھر کوئی اُس کی زد پہ آیا ہے

کیوں فرشتوں کے انتظار میں ہو؟
وقت نے کیا یہی سکھایا ہے؟

راہ تکتے ہو کیا قیامت کی؟
حشر کیا زیست کا کنایا ہے؟





تُو کہ میں!


تجھ کو بھی دعوے ہیں کتنے ہی اپنی درویشی کے
مجھ کو بھی دعوے ہیں کتنے اپنی خاک نشینی کے
تجھ کو بھی یہ فکر کہ دنیا میں تجھ کو آرام نہیں
مجھ کو بھی یہ زَعم کہ مجھ کو دنیا سے کچھ کام نہیں
تُو بھی چاند ستاروں میں کچھ ڈھونڈ رہا ہے برسوں سے
میں بھی ریت کے ذرّوں میں کچھ کھوج رہا ہوں صدیوں سے
تیرا دل بھی آوازوں کی قید سے نکلا جاتا ہے
میرا دل بھی اکثر گونجتے لفظوں سے گھبراتا ہے
تیرے اندر کوئی باہر والے سے کتراتا ہے
میرے اندر بھی کوئی آئینے سے شرماتا ہے
تیرا دل بھی اپنی سچی باتوں کا انکاری ہے
میرا دل بھی جھوٹے سچے جذبوں کا بیوپاری ہے
میں بھی اپنے شوقِ نمو میں خود کو چھپائے پھرتا ہوں
تیری طرح میں چہرے پر تصویر سجائے پھرتا ہوں
میں نے اِن چلتے پھرتے جسموں میں تجھ کو پایا ہے
تُو شاید کچھ اور نہیں ہے بلکہ میرا سایہ ہے




وہ درویش جو میرے گھر کا مکیں ہے
اُسے تیری دنیا نے جانا نہیں ہے
میں تنہائیوں میں بہت بولتا ہوں
اک آسیب سا میرے اندر کہیں ہے
یہ مجھ کو اندھیرے میں کس نے پکارا ؟
کہیں یہ مری ہی صدا تو نہیں ہے !
مرے سامنے ایک صحرا ہے گویا
وہی میرے اندر بھی گوشہ نشیں ہے
ہوائیں تو قصے سناتی رہیں گی
بتا ! کیا تری داستاں بھی کہیں ہے ؟
بہت زاہدوں کو برا کہہ چکے ہو
گریباں میں اپنے ہی جھانکا نہیں ہے
ابھی میرے اندر ہیں شعلے بہت سے
بدن جل گیا ہے، بجھا تو نہیں ہے
مرے خالی کمرے میں ہے شور اتنا
کہ اپنی بھی آواز آتی نہیں ہے
میں اِس بانجھ دھرتی پہ کیا بو رہا ہوں
یہ کیوں سبزہ اُگنے کا مجھ کو یقیں ہے







’’جیون‘‘ ساتھی

آنکھ سے آنسو بہا کر
خوف کے عالم میں
جیون کے کئی لمحے بِتا کر
اور لہو اپنا ہی پی پی کر
بہت کُڑھ کُڑھ کے جی کر بھی
ترے ہونٹوں پہ کیسی مسکراہٹ ہے
کہاں سے یہ خریدی ہے؟
کسی بازار سے مِل جائے تو مجھ کو بھی لا دینا




سیہ لباس


غزال آنکھیں، کمال چہرا! 
دراز زلفیں، غضب کا سہرا !
نگاہ اُس کی، حجاب میرا
سوال اُس کا، جواب میرا
نظر ملانے کے وہ بہانے
وہ زندگی کے سبق پرانے
وہ اُس کا چلنا، وہ اُس کا مڑنا
وہ گویا میرا ہوا میں اُڑنا
وہ اُس کا مجھ پر نگاہ کرنا
وہ اُس کا نزدیک سے گزرنا
وہ چاندنی میری آس میں تھی
سیہ گھٹا کے لباس میں تھی



یوں نہ تنہائیوں میں صدا دے
اے غزل ! اپنا چہرہ دکھا دے

درد کی دولتِ بے بہا دے
یوں محبت کی مجھ کو سزا دے

نغمۂ عشق ہوں، رائیگاں ہوں
سو ہواؤں میں مجھ کو اُڑا دے

زندگی خواب سی ہو گئی ہے
کوئی سوتے سے مجھ کو جگا دے

میں سمندر ہوں اور تشنہ لب ہوں
کوئی صحرا سے مجھ کو ملا دے

اب تو آنکھیں بھی جلنے لگی ہیں
اب تو پردے نظر کے ہٹا دے

چل پڑے کہکشاں کے سفر پر
ہم کو بھی اک ستارا بنا دے

مجھ کو دنیا سے کیا لینا دینا
’’میں‘‘ کہاں ہوں مجھے ’’یہ‘‘ بتا دے



ہائی وےI-280 

پھر ہوئی برسات، پھر بدلا زمیں نے پیرہن
پھر سجے ہیں سبز خلعت سے پہاڑوں کے بدن
پھر ہوئی جاتی ہیں خیرہ حسن سے آنکھیں مری
پھر وہی شاداب چہرے، پھر وہی شعلہ بدن
پھر وہی چہروں پہ رقصاں ہے بہارِ زندگی
پھر وہی آنکھوں میں جلتی ہے محبت کی اگن
آسمانوں میں پرندوں کی کشیدہ کاریاں
وہ نئی دنیاؤں کی دریافت کی تیاریاں
وادیوں کی سبز جھیلوں پر پرندوں کا طواف
برف جیسے پانیوں پر وہ دھوئیں کا اک غلاف
سانپ کی سُرعت سے بل کھاتے ہوئے سے راستے
آ گئے بادل زمیں کو چومنے کے واسطے
خواب کی دنیا نہیں یہ وادیوں کی شام ہے
لیکن اپنا دل کہ ایسے میں بھی بے آرام ہے
ہیں نظر میں جنتیں لیکن پرائی ہیں ابھی
دل جلوں کو یہ بہاریں راس آئی ہیں کبھی؟
یہ نگاہیں تو پلٹ کر لوٹ جاتی ہیں وہاں
ہو گئی ہیں جس وطن میں جھیل سی آنکھیں دھواں
سوچتے ہیں ایک دن ہم لوٹ جائیں گے ضرور
لائیں گے اک روز اُن ویران سی آنکھوں میں نور


ہم کو آئے نہ یہ دستور نبھانا یارو
ورنہ ہم نے بھی تو دیکھا ہے زمانا یارو

پھر بنے گا کوئی میدان ٹھکانا یارو
پھر کوئی صورتِ پیکار دکھانا یارو

یہ تپش ہی مرے ہونے کا پتا دیتی ہے
میں جو روشن ہوں تو مجھ کو نہ بجھانا یارو

ہم نے دانستہ یہ آنکھیں نہیں بیچیں اپنی
ورنہ اپنے بھی طلبگار تھے، مانا یارو

ہم سے سودا نہیں ہوتا تھا دھنک لفظوں کا
یہ بھی تھا اپنی تباہی کا بہانا یارو

کیا خبر میں نے ہی دل وار دیا ہو اُس پر
کیا خبر اُس نے بنایا ہو دِوانا یارو

اِن بہاروں میں تو حائل ہے یہ پھولوں کی خلیج
کل خزاؤں میں گلے ہم کو لگانا یارو

میں کبھی ہوش کی دنیا میں پلٹ ہی نہ سکوں
مجھ کو وہ بادۂ  پُر جوش پلانا یارو



یہاں تو رقص ہوتا ہے




جہاں مردے ہوں، قبریں ہوں
جہاں ناموں کے کتبے ہوں
وہاں تو شام ہونے پر اگربتّی جلاتے ہیں
وہاں تو فاتحہ ہوتی ہے
اور چادر چڑھاتے ہیں
وہاں تو سوگ ہوتا ہے
وہاں تو  بَین ہوتا ہے
وہاں جا کر تو زندہ آدمی بے چین ہوتا ہے
مگر ’’یہ‘‘ کیسی بستی ہے
یہاں زندوں کو گاڑا ہے
یہاں تو آدمی نے آدمیّت کو  پَچھاڑا ہے
یہ قبریں ہیں
مگر مُردوں کے تن میں جان باقی ہے
یہاں کتبے ہیں
لیکن موت کا اعلان باقی ہے
یہاں جب شام ہوتی ہے
تو بستی جاگ جاتی ہے
سو خونِ آدمیّت سے
سحر تک یہ نہاتی ہے
یہاں بھی شور ہوتا ہے
مگر طبلے کی تھاپوں کا
یہاں بھی بَین ہوتا ہے
مگر زخمی الاپوں کا
یہاں بھی اشک بہتے ہیں
مگر لب مسکراتے ہیں
یہاں تو بَین کرتے ساز بھی نغمے سناتے ہیں
یہاں کچھ گورکن ہر روز
لاشوں کو سجاتے ہیں
جھروکوں سے لہو  رِستا ہے
تو گھنگھرو بجاتے ہیں
یہ بستی ہے کہ زندہ بستیوں کی موت کا عالم
کریں اِن محفلوں میں عیش یا تہذیب کا ماتم
یہاں مجبور لاشیں ہیں
مگر محسوس ہوتا ہے
کہ یہ تہذیب کے ہیں تعزیے
دل خون روتا ہے
یہ قبرستان ہے
لیکن یہاں تو رقص ہوتا ہے!!
***




خیالوں کو ترے مہلت اگر دیں
یہ آنکھوں میں لہو کا رنگ بھر دیں

ہمیں ماضی کے قصّے مت سناؤ
یہ آوازیں ہمیں پاگل نہ کر دیں

ہمارے بس میں ہو تو شہرِ یاراں
تری راتوں میں بھی ہم نور بھر دیں

یہاں سر ہی نہیں ہیں گردنوں پر
تو یہ جرمِ ضعیفی کس کے سر دیں؟
***


رَچی ہے پھر وہی سازش کی بو ہواؤں میں
مذاکرات کا چرچا ہے رہنماؤں میں

علاج قوم کا جاری ہے اک زمانے سے
ملا رہا ہے کوئی زہر بھی دواؤں میں

پلایا کس نے یہ نفرت کا زہر بچوں کو
یہ بحث عام ہوئی ہے وطن کی ماؤں میں

جنہوں نے سانس پہ پہرے بٹھائے تھے کل تک
وہ جسم قید نظر آئے ہیں قباؤں میں

زَہے نصیب! کہ موسم بدل گیا، لیکن
ہمارے واسطے کچھ بھی نہیں گھٹاؤں میں

ہمیں تلاش رہی وقت کے مسیحا کی
یہاں تو جنگ سی جاری ہے فاختاؤں میں

ہمیں بھی شوق تھا دنیا کے رُخ بدلنے کا
اُلجھ کے رہ گئے ہم وقت کی اداؤں میں

محبتوں سے مجھے اب تو خوف آتا ہے
میں ’’تجھ‘‘ کو ڈھونڈ رہا ہوں تری وفاؤں میں

گناہ کر کے بھی ہم چاہتے ہیں سب کی طرح
ہمارا نام لیا جائے پارساؤں میں

کبوترانِ حرم خواب میں ملے ہیں مجھے
اُڑا ہوں میں بھی کئی بار اُن فضاؤں میں






بے تاب بہت زندانی ہے، پر کیا کیجے
جذبوں میں بڑی طغیانی ہے، پر کیا کیجے

سورج بھی تو اپنے وقت پہ نکلا کرتا ہے
اِس رات بہت ویرانی ہے، پر کیا کیجے

یہ آنکھیں دیکھ رہی ہیں جو کل کے منظر
اُن آنکھوں میں حیرانی ہے، پر کیا کیجے

ہم جانتے ہیں، جس راہ پہ ہم چل نکلے ہیں
اس پر چلنا نادانی ہے، پر کیا کیجے

ہم کیوں نہ لکھیں جو آنکھیں دیکھا کرتی ہیں
یہ اپنا عہدِ جوانی ہے، پر کیا کیجے

اُس نے جتنے دل توڑے ہیں سب میرے ہیں
وہ رُوپ نگر کی رانی ہے، پر کیا کیجے






تاریخ



میں اپنا چہرہ کہاں سے لاؤں!
میں اپنے ماضی کو دیکھتا ہوں
تو سوچتا ہوں
لہو جو دامن پہ جم چکا ہے
جو میرے ہاتھوں ہی سے بہا ہے
وہ میرے ہی جسم کا لہو ہے
میں دیکھتا ہوں
مرا ہی سایہ مرا  عدُو ہے
مری ہی آنکھوں میں نفرتوں کے تمام شعلے
مرے لئے ہیں
مرے ہی ہاتھوں کے تیر و نشتر
مرے ہی سینے پہ چل رہے ہیں
میں اپنے ماضی کو دیکھتا ہوں
تو سارے منظر
عداوتوں کی غلاظتوں میں اَٹے ہوئے ہیں
میں ہوں خود اپنے مقابلے پر
مرے ہی بازو کٹے ہوئے ہیں
میں اپنے ماضی کو دیکھتا ہوں
تو جیسے صدیوں سے روتی آنکھیں
جو وقت کے آئینے کی صورت
مری ہی جانب اُٹھی ہوئی ہیں
یہ کہہ رہی ہیں
کہ میرا  چہرہ مجھے دکھاؤ
مجھے بتاؤ!
میں اپنا چہرہ کہاں سے لاؤں؟




کسی دیوار میں پھر در بنانا
چلو ڈھونڈیں نیا کوئی ٹھکانا

بدلتے موسموں کے رنگ دیکھو
اسے کہتے ہیں ہجرت کا زمانا

ادھوری بات ہی تو زندگی ہے
کوئی تجرید یا کوئی فسانا

ہمیشہ تھا کوئی میرے مقابل
مگر اب آگیا سارا زمانا

کوئی طوفان آنے کی خبر ہے
بہت ویران ہے ہر آشیانا

بتاتا ہے نئی لہروں کی باتیں
سمندر کا سکوتِ عارفانا





راستہ بنائیے

لمبی لمبی
اور پیچیدہ
گھومتی گھامتی بھول بھلیّوں میں لے جا کر
بیچ میں چھوڑا
اور یہ کہ کر
’’اب اِس سے باہر آنے کا رستہ ڈھونڈو
میں باہر ہوں
مجھ تک پہنچو‘‘
اُس نے اک ننھے بچے کو
کیسے کھیل میں اُلجھایا ہے
اور بچے نے
راستہ ڈھونڈتے ڈھونڈتے
ایک ہی جیسی گلیوں میں چکّر کھایا ہے
لیکن اب تک
 رستہ ڈھونڈ نہیں پایا ہے




عذابِ آگہی



کیسے کیسے  بُت ٹوٹے ہیں آنکھوں میں
اکثر اپنے آپ پہ بھی شک ہوتا ہے
طنز سمٹ آتا ہے اپنی آنکھوں میں
اپنی ہی نظریں خود چبھنے لگتی ہیں
اپنے ہی سینے پر تیر برستے ہیں
اپنے ہی چہرے سے وحشت ہوتی ہے
اکثر اپنے آپ سے نفرت ہوتی ہے!
***



یہ اپنے سینے میں دل، بے قرار کس کا ہے؟
اگر یہ تم ہو تو پھر انتظار کس کا ہے؟

کوئی بھی چہرہ نہیں ہے اگر نگاہوں میں
تو پھر نظر میں چھلکتا خمار کس کا ہے؟

ہمیں  جو  راہ  دکھاتا ہے  روشنی  کی  طرح
وہ ایک سایہ سرِ رہگزار کس کا ہے؟

بہت سے یار بھی ہیں دشمنوں کے ساتھ، مگر
ہُوا ہے پیٹھ پہ میری جو وار، کس کا ہے؟

تمام رات گزاری اِسی تجسّس میں
خیال ذہن پہ میرے سوار کس کا ہے؟

نجانے کون ہُوا ہے مری طرف مائل
ہُوا ہے دل پہ نظر کا جو وار، کس کا ہے؟

کبھی کی لَوٹ چکی ہیں سپاہ خیموں میں
تو ریگزار میں یہ شہسوار کس کا ہے؟









یہ آئینہ کیوں اتنا سیمابی ہے؟
شاید اس کو ٹوٹنے کی بے تابی ہے

صحراؤں میں پیاس بجھانے آیا ہوں
تپتی ریت میں بھی گویا سیرابی ہے

گھوم رہا ہوں میں خوابوں کی دنیا میں
لیکن میری آنکھوں میں بے خوابی ہے

سینوں میں سفاک چٹانیں رکھی ہیں
اور چہروں پر پھولوں کی شادابی ہے

ہوتی ہے اکتاہٹ اچھے لہجوں سے
گویا سچے جذبوں کی نایابی ہے




زیرو پوائنٹ



اتنے برسوں بعد
مسافر نے خوش ہو کر
زادِ سفر اک منزل پر رکھ کر یہ سوچا
شاید اب رستوں پر 
اُس کے نقشِ قدم آویزاں ہوں گے
اور مقامِ عظمت، کوئی
اُس سے بھی وابستہ ہوگا
لیکن غور کیا، تو جانا
جتنے لوگ چلے تھے پہلے
وہ خود سنگِ میل ہوئے ہیں
اور اُسے آگے بڑھنا ہے
ایک اک سنگِ میل سے آگے
لفظوں اور لوگوں سے وابستہ وہ پتھر
میلوں دور تلک پھیلے ہیں
اور وہ اب تک
گویا میل کا پہلا پتھر ڈھونڈ رہا ہے



جب وحشت ہو ساحل کی ویرانی سے
لڑ پڑتا ہوں دریا کی طغیانی سے

خانۂ جاں میں بارش ہوتی ہے اکثر
آنکھیں جل جاتی ہیں جس کے پانی سے

کوہِ ندا سے آنے والا کون ہے یہ؟
کون پلٹتا ہے اتنی آسانی سے

کون سے سچ کی کھوج میں ہیں یہ جھوٹے لوگ
کیا پایا فطرت کی نافرمانی سے؟

یہ آزاد فضاؤں کے قیدی اکثر
کیا لینے آ جاتے ہیں زندانی سے؟

میں نے جب ایقان کی زنجیریں پہنیں
دیکھ رہے تھے سب مجھ کو حیرانی سے






مجازی خدا



کبھی سوچا ہے فرعونو!
تمھیں کس نے خدائی کی سند بخشی
’’حقیقی ‘‘ اور ’’مجازی‘‘ کے
دھنک رنگوں میں
کیوں اپنی سیہ رنگت چھپاتے ہو
مجھے تم کیا بتاتے ہو!

کبھی سوچا ہے فرعونو؟
ذرا سوچو
ہم ان کمزور جانوں پر
حکومت کر تو سکتے ہیں
خدا ہم بن نہیں سکتے



مہلت

ہاں، میں اپنے آپ میں گم ہوں
لیکن قحط زدہ چہرے بھی میری آنکھوں میں رہتے ہیں
پیراہن کی آس میں
دن کی دھوپ کو اوڑھے جسم مجھے جھُلسا دیتے ہیں
بے خبری میں جینے والے لوگوں کے دن رات
مجھے تڑپا دیتے ہیں
ہاں، میں اپنے آپ میں گم ہوں
لیکن شہر کے شور دھوئیں سے
میرا ذہن بھی پژمردہ ہے
اور فضا میں بڑھتی حدّت
مجھ کو بھی ٹوکا کرتی ہے
ہاں، میں جو کچھ سوچ رہا ہوں
سب لکھوں گا
میں جو اپنے آپ میں گم ہوں
کھوج رہا ہوں
میر ے اندر جو سوچا کرتا ہے
اُس تک کیسے پہنچوں!



یہ جو بے رخی ہے بجا نہیں، یہ ادائیں کیوں؟ یہ غرور کیا؟
یہ گریز کس لئے اسقدر، یہ خفا خفا سے حضور کیا؟

تجھے یاد کرنا مذاق تھا، تجھے بھول جانا عذاب ہے
یہ سزا ہے جرمِ فراق کی، مرے حافظے کا قصور کیا

ترے ساتھ ہے جو تری اَنا، مرے ساتھ میرا نصیب ہے
مجھے تجھ سے کیسی شکایتیں، تجھے خود پہ اتنا غرور کیا!

کوئی خواب تھا کہ سراب تھا، جو گزر گیا، سو گزر گیا
یہ بصیرتوں کا قصور کیوں، یہ بصارتوں کا فتور کیا

یہ تمہارا چہرہ کتاب ہے، اِسے پڑھ رہا ہوں ورَق ورَق
ذرا بات سادہ لکھا کرو، یہ محاوروں کی سطور کیا

دلِ خود پسند صدا نہ دے کہ یہ اک صداؤں کا دشت ہے
کہیں کھو گئے ہیں جو بھِیڑ میں، ہمیں ڈھونڈنا ہے ضرور کیا؟

سبھی پھول تیرے نصیب میں، سبھی خار میرے حساب میں
یہ جزا سزا کا طلسم ہے، مرا تیرا اِس میں قصور کیا






کس کو اتنی فرصت ہے، پہچانے کون!
بانٹ رہا ہے لوگوں میں دستانے کون!

گھوم رہا ہوں اپنے گرد ہی برسوں سے
دیواروں کے اندر قید ہے جانے کون

جس دھرتی نے صدیوں دھوپ اُگائی ہو
اُس پر ننگے پاؤں چلیں دیوانے کون

ٹوٹ کے اور بھی اُلجھے گی حالات کی ڈور
اب سلجھائے اِس کے تانے بانے کون

جنگل جنگل گھوم رہے ہیں شہر کے لوگ
لیکن شہر کے جنگل کو پہچانے کون

ہم نے بھی کچھ پیار کے دیپ جلائے ہیں
پر اِس تاریکی میں ہم کو مانے کون

دنیا سے گزریں گے سائے کے مانند
اتنی تیزی میں ہم کو پہچانے کون





زمین

ہر صبح سویرے، وحشت میں
سب لوگ یہاں جنگل میں گم ہو جاتے ہیں
گر غور سے دنیا کو دیکھو
اک حشر بپا ہو جاتا ہے
ہر شخص بقا کے دھوکے میں
ہر روز فنا ہو جاتا ہے
کچھ رزق کے مارے
جانے کس کس موڑ پہ ٹھوکر کھاتے ہیں
کچھ عشق کے ہارے
اپنی ہی آوازوں سے ٹکراتے ہیں
کچھ لوگ نئی دنیا کی کھوج میں
اپنی جان کھپاتے ہیں
میں سوچتا ہوں!
جب ہم نے دنیا کی بربادی کی تیاری کر ہی لی
اور ہم نے فضاؤں میں خود ہی جی بھر کے زہر اُڑایا ہے
پھر کون سے مستقبل کی فکر میں مرتے ہیں؟




کرائے کا گھر

جب سے میں اِس گھر میں آیا
باہر جانے کو دروازہ ڈھونڈ رہا ہوں
وحشت کے عالم میں دیواروں سے سر ٹکراتا ہوں
اِس کے کمروں، اِس کے کونے کھُدروں میں چھپ جاتا ہوں
اور پھر اپنی ہی آواز پہ میں پاگل ہو جاتا ہوں
جب سے میں اِس گھر میں آیا
آئینوں کو ڈھونڈ رہا ہوں
اپنے عکس بنا کر خود ہی دیواروں کو چوم رہا ہوں
اِس کے چور  دریچوں سے اکثر دنیا کو تکتا ہوں
اور اِن چور  دریچوں سے
اپنی آواز سناکر
دنیا بھر میں حشر اٹھا دیتا ہوں
جب سے میں اِس گھر میں آیا
سوچ رہا ہوں
جانے کب یہ بوسیدہ سا گھر ٹوٹے
اور میں آخر اِس کے ملبے میں دب جاؤں





حسابِ روز و شب ہم کیا بتائیں
زیاں لکھیں کہ ہم اپنی وفائیں؟
بہت سفاک ہیں فرصت کے لمحے
سناتے ہیں جو گم گشتہ صدائیں
پناہیں ڈھونڈتی ہے خود کلامی
کہ اندیشوں کی آوازیں نہ آئیں
چلے آتے ہیں آوازوں کے لشکر
اُترتی ہیں اندھیرے میں بلائیں
کوئی تو صورتِ دیدار ٹھہرے
کبھی تو آپ ہم کو آزمائیں
رگِ جاں میں الاؤ جل رہا ہے
برسنے کو ہیں سینے میں گھٹائیں
مری مجبوریوں کی حد سے آگے
تمنائیں نئے منظر دکھائیں
مجھی کو توڑنا کیوں چاہتے ہو؟
خدارا بخش دو میری خطائیں
کوئی کرتب ہے گویا زندگی بھی
کہ رسی پر چلیں اور ڈگمگائیں






میرے شہر کے کچے ذہنو!

میرے شہر کے کچّے ذہنو
شاید تم کچھ بھول رہے ہو
یاد نہیں کیا، شہر ہمارا 
روشنیوں کا گہوارہ تھا
علم ہماری جب طاقت تھی
پیار ہمارا جب شیوہ تھا

خاک نشیں ہم پہلے بھی تھے
لیکن اب تو خاک ہوئے ہیں
پہلے بھی شکوے تھے ہم کو
پر اب تو نمناک ہوئے ہیں

پہلے خالی جیب کا ڈر تھا
آج گریباں چاک ہوئے ہیں
پہلے بات کیا کرتے تھے
آج تو ہم سفّاک ہوئے ہیں

اپنے ہاتھوں ضرب لگی ہے
زخموں سے خود  چُور ہوئے ہیں
جہل کا پیچھا کرتے کرتے
علم سے آخر دُور ہوئے ہیں
خوبی تھی برداشت ہماری
نفرت پر معمور ہوئے ہیں

اپنی ہی تہذیب سے آخر
اپنا رشتہ ٹوٹ گیا ہے
ہم جو قیادت کرتے تھے کل
وہ منصب بھی چھوٹ گیا ہے


اب تو شرم سے سر جھکتا ہے
تم کس بات پہ جھوم رہے ہو
جو تم کو اِس موڑ پہ لایا
ہاتھ اُسی کے چوم رہے ہو
میرے شہر کے کچے ذہنو
کس محور پر گھوم رہے ہو

یاد نہیں کیا، شہر ہمارا
روشنیوں کا گہوارہ تھا
**




(حکیم محمد سعید کی شہادت پر)

لہو کا رنگ چھایا آسماں پر
پڑا اک سرخ چھینٹا داستاں پر

وہی محسن فروشی کا تسلسل
یہ کیا قصے ہیں لوگوں کی زباں پر

کسی کی جھونپڑی پھر جل گئی ہے
نہ ہو پتھراؤ شیشے کے مکاں پر

عذابِ ناگہانی کیا یہی ہے؟
ہیں سناٹے بغاوت کی اذاں پر

کرو وحشت میں کچھ الفت کی باتیں
کوئی  مصرع  کہو  آبِ رواں  پر






اعترافِ جوہری


ہاتھ باندھے ہوئے کون آیا ہے یہ
حاکمِ دل ہے یا اُس کا سایہ ہے یہ
کیا ہوئے اُس کے رُخ کی بہاروں کے رنگ
کس لئے زر پرستوں کا گھیرا ہے تنگ
کیوں ہے اُس کی زباں لڑکھڑائی ہوئی
کیوں اُداسی ہے آنکھوں میں چھائی ہوئی
بے یقینی سی ہے، لہجہ کمزور ہے
اُس کے اندر صداؤں کا اک شور ہے
اُس کے پیروں میں یہ کیسی زنجیر ہے
کیوں یہ چہرے پہ شکووں کی تحریر ہے
اُس کے لب پر معافی بہرطور ہے
اُس کی آنکھوں میں پر ماجرا ’’اور‘‘ ہے
گو نہیں وہ فلک سے اُتارا ہوا
وہ ہوس کے غلاموں کا مارا ہوا
اُس کے ہونے سے ہم کو سہارا ہوا
ہم ہوئے اُس کے اور وہ ہمارا ہوا
اُس کے چہرے پہ ہے آج کیسی تھکن
یہ وہی ہے ترا جاں نثار اے وطن؟
ہاں، مگر وہ غلامانِ حرص و ہوا
جن کو پل کی خبر ہے نہ کل کا پتا
جو ہیں طاقت کے بھوکے، منافق ادا
جن کی کوتاہ بینی ہماری سزا
جن کے پیروں میں غیروں کی زنجیر ہے
اُن کے ہاتھوں میں کیوں اپنی تقدیر ہے؟
جن کے قبضے میں ہے ملک و ملّت کی باگ
بھر رہے ہیں وہ اپنی ہی جیبوں میں آگ
اِس سے پہلے کہ اک سرخ آندھی چلے
اِس سے پہلے کہ خوابوں کی دنیا جلے
اِس سے پہلے کہ محشر ہو برپا یہاں
ہم رہیں اور نہ اپنی کوئی داستاں
اِن بلاؤں کے شر سے بچا لو اِسے
یہ وطن ہے تمہارا، سنبھالو اِسے!



پہلا پتھر

جو پلٹی تو چہرہ نما ہو گئی
تھی کیا بات اور کیا سے کیا ہو گئی
ادھوری تھی سو خود سزا ہو گئی
کہ محفل کی محفل خفا ہو گئی
نہ میں نے کہا اُس کا دامن ہے صاف
نہ مجھ کو معافی سے کچھ اختلاف
وہ کوئی نبی ہے نہ قرآن ہے
فرشتہ نہیں ہے وہ انسان ہے
مگر اُس کو پھر بھی سراہا گیا
خطا کی مگر پھر بھی چاہا گیا
اندھیرے سے آخر نکالی گئی؟
ہماری بھی عزّت بچا لی گئی؟
مگر ایک جانب وہ بہروپئے
نشے میں بہکتے ہیں جو بِن پئے
نہیں ملک و ملّت کی عزّت کا پاس
اتاریں گے کیا قوم کا وہ لباس؟
کہاں اور عزّت اُچھالیں گے وہ؟
جنازے ہمارے نکالیں گے وہ؟
لگاتے ہیں سڑکوں پہ وہ کس کے دام؟
انہیں ہے بس اپنی سیاست سے کام
مگر ’’ایک‘‘ کردار بے جوڑ ہے
کہ یہ تو کہانی کا اک موڑ ہے
ابھی اِس سے آگے بھی جائیں گے ہم
بہت راہ پیچیدہ پائیں گے ہم
یہ مانا کہ نیّت بہت نیک ہے
مگر مسئلہ تو فقط ’’ایک‘‘ ہے
کہ دشمن نئے کچھ بنا لے گا ’’ایک‘‘
کہاں تک وطن کو سنبھالے گا ’’ایک‘‘
کہ طوفان آگے کئی آئیں گے
تو کیا ہم بھی اِس رَو میں بہہ جائیں گے؟
حقائق بدلتی ہیں قسمیں کہیں؟
کہ یہ ’’فردِ واحد‘‘ کے بس میں نہیں
محبت وطن سے کریں تو ضرور
مگر میری اک التجا ہے حضور
سیاست نہیں آپ کا مشغلہ
یہ ہے کام جن کا، اُنہی کو بھلا
نکل آئیں آخر کو ہم شان سے
کہ گزریں کبھی ہم جو بحران سے
یہ سمجھیں، نہیں ہے ’’اکیلے‘‘ کا کام
ہمیں چاہئے اک مکمل نظام
کسی کو چڑھایا، اُتارا کبھی
نظاموں کو دیجے سہارا کبھی
خدارا !  ہمیں  گھر  بسانا  ہے  یہ
کہ آدھی صدی کا فسانا ہے یہ
**




رنگ ہے آنکھوں میں بادہ پیمائی کا
زعم ہے پھر بھی باتوں کی گہرائی کا

روشنی میں آ کر تو آنکھیں جلتی ہیں
اندھے سودا کرتے ہیں بینائی کا

حرف کو پہچانا تو سب کو پہچانا
بوجھ اُٹھائے پھرتا ہوں گویائی کا

اپنے اپنے نقّاروں میں گم ہیں سب
ساز سنائی کیسے دے یکتائی کا

صدیوں کے انکار سے کچھ تو ثابت ہو
بھید ہے کچھ تواِس عالم آرائی کا

اہلِ علم کو دیکھا تو احساس ہوا
سب سامان ہے آدم کی رسوائی کا

لفظوں کے سوداگر ہو تم کیا جانو!
منطق بس اک پردہ ہے بینائی کا




شاید


ہلکی  ہلکی دھوپ میں یا پھر چھاؤں میں
یا دیکھا تھا اُس کو تیز ہواؤں میں
یا کوئی زنجیر پڑی تھی پاؤں میں
یا جادو تھا اس کی شوخ اداؤں میں
جانے اُس کی زلفوں کا افسانہ تھا
یا میں اُس کی آنکھوں کا دیوانہ تھا
شاید اُس کی آنکھیں باتیں کرتی تھیں
یا شاید باتیں کرنے سے ڈرتی تھیں
نقش مناسب تھے اُس کے، رنگت گوری
مجھ کو دیکھا کرتی تھی چوری چوری
نوکیلی پلکوں کے پہرے میں آنکھیں
جیسے پھول کھلے ہوتے ہیں کانٹوں میں
سرخ لبوں پر اُس کے رقص شرارت کا
چہرے پر ہلکا سا عکس شرارت کا
دور سے آنے والی وہ آہٹ اُس کی
میری قربت میں وہ گھبراہٹ اُس کی
میں نے چاہا کب تھا اُس کو، یاد نہیں!
شاید میرے دل میں وہ آباد نہیں
اُس کی باتوں کا ہر لفظ پرایا تھا
پھر بھی میں نے اُس کو خوب ستایا تھا
آج نشہ سا ہم دونوں پر طاری ہے
شاید کچھ پا لینے کی سرشاری ہے
دیکھ رہا ہوں  آج اُسے جو آخری بار
پہلی بار مجھے اُس پر آیا ہے پیار







واپسی



یقیں میں کس طرح تم کو دلاؤں؟
اَنا کی قید سے آزاد ہو کر
خودی کو چھوڑ کر، ناشاد ہو کر
تمہارے درد کی رُوداد ہو کر
تمہارے عشق میں برباد ہو کر
وفائیں کس طرح اپنی لٹاؤں؟
یقیں میں کس طرح تم کو دلاؤں؟
یہ سچ ہے تم فلک ہو، میں زمیں ہوں
جہاں چھوڑا تھا تم نے میں وہیں ہوں
تمہاری چاہتوں کا میں اَمیں ہوں
جو ٹھکرا دو تو میں کچھ بھی نہیں ہوں
مجھے غفلت پہ اپنی ہے ندامت
مگر میں بے وفا ہرگز نہیں ہوں
جو چھلنی ہے جگر، کیسے دکھاؤں!
یقیں میں کس طرح تم کو دلاؤں؟
مجھے تم آج جو چاہو، سزا دو
سوا اِس کے کہ نظروں سے گرا دو
بہت ٹوٹا ہوا ہوں آسرا دو
خدارا ! اب تو ماضی کو بھلا دو
چلو سب چھوڑ کر اتنا بتا دو
کہ میں کس طرح خود کو آزماؤں؟
یقیں میں کس طرح تم کو دلاؤں؟






شام ڈھلی ہے تب جانا ہے، وہ اک سایا تھا
میں نے جس کی خاطر دنیا کو ٹھکرایا تھا

میں نے مانا دنیا بے حس، وقت بھی ہے ظالم
مجبوری کا لفظ تمہیں کس نے سکھلایا تھا؟

دنیا نے اُس کو کیا کیا معنی پہنائے ہیں
میں نے اُس کو دھیرے سے اک شعر سنایا تھا

ہم پھر اُن کو اُن کا وعدہ یاد دلائیں گے
وہ پھر کہہ دیں گے، ’’پھر کہیے، کیا فرمایا تھا؟‘‘

سانپ ہمیں کو ڈستے رہتے ہیں لمحہ لمحہ
ہم نے کل خود اِن سانپوں کو دودھ پلایا تھا

بکھرا ہوں میں آج یہاں ریزہ ریزہ ہو کر
مجھ سا کوئی، مجھ میں، مجھ ہی سے ٹکرایا تھا

کھو بیٹھے ہیں آج  اُسے جمہور کے جھنڈوں میں
کل جو آزادی کا اک پرچم لہرایا تھا





تابوت میں آخری کیل



زمیں شاید ادھوری ہے
کسی کی جستجو میں ہے
جو صدیوں سے
خلا میں رقص کرتی ہے
کبھی سورج کی کرنوں سے نہاتی ہے
کبھی یہ چاندنی کے ناز اُٹھاتی ہے
ادھورا چاند بھی تو ہے
زمیں کے گرد  ورنہ کیوں طوافِ ناز کرتا ہے
ادھورے پن سے کیوں اپنا سفر آغاز کرتا ہے
یہ سورج بھی ادھورا ہے
جبھی تو یہ
زمیں کی پیاس کی خاطر
خود اپنی آگ میں جلتا ہے
اور شعلوں میں ڈھلتا ہے
سو، دنیا ہی ادھوری ہے!
سبھی کچھ نا  مکمل ہے!
مکمل ذات ہو جاتی
تو کیسے میں زمیں بن کر خلا میں رقص کر پاتا
اگر تکمیل ہو جاتی
تو کیا میں چلچلاتی دھوپ بن پاتا
بھلا میں آفتابِ زندگی کا روپ بن پاتا
اگر تکمیل ہو جاتی
تو شاید فکر کے تابوت میں یہ کیل ہو جاتی
یہ جانا ہے تو اب تکمیل کی حسرت نہیں مجھ میں
یہ دنیا بھی ادھوری ہے، 
سو میں بھی نا مکمل ہوں











پلکیں نیند سے بوجھل ہیں یا اب منظر کی تاب نہیں؟
کیوں اِن خالی آنکھوں میں اب رنگ برنگے خواب نہیں؟

مجھ کو لکھنے والا جانے کن حرفوں کا پیاسا تھا!
میں اک لفظ ہوں گویا، وہ بھی معنی سے سیراب نہیں

آنکھوں میں اُلجھی تحریریں، چہرہ کرب کی پرچھائیں
لفظ بہت نایاب ہوئے ہیں، درد مگر نایاب نہیں

آج تو مٹّی کے معبودوں نے بھی سجدے کر ڈالے
لیکن میرے سجدوں میں بت خانے کے آداب نہیں

سمجھوتے کی باتیں، وہ بھی فطرت کے پیغمبر سے!
دریا مڑ سکتے ہیں لیکن دریا کے سیلاب نہیں

شاید میری آنکھیں تم کو سب منظر دکھلا پائیں
مجھ میں تو اب جیسے اپنی نظروں کی بھی تاب نہیں






الوداع   N.E.D 

یہ جو چار برسوں کا ساتھ ہے
ہمیں یاد ہے

وہ جو اِبتدا کا سُرور تھا
وہ جو  ناز تھا، جو غرور تھا
وہ جو وقت کی تھیں نوازشیں
جو نوازشوں کی نشاط ہے
ہمیں یاد ہے

وہ جو نمبروں کے سراب تھے
وہ جو سپلیوںؔ کے عذاب تھے
وہ جو حوصلے تھے، جو خواب تھے
وہ جو منچلوں کے سوال تھے
وہ جو  مہ رخوں کے جواب تھے
وہ جو مہکی زلفوں کے جال تھے
وہی عاشقی کا نصاب تھے
وہ سخنوری کی کتاب تھے
کہیں رہبروں کے خطاب تھے
کہیں وسوسوں کے عذاب تھے
کہیں دوستوں کی سیاستیں
کہیں منچلوں کی شرارتیں
کہیں ٹیچروں کی عداوتیں
کہیں ہر سزا پہ بغاوتیں
کبھی مشکلیں، کبھی راحتیں
کبھی ناز اپنے نصیب پر
کبھی رشک اپنے رقیب پر
کبھی منزلوں کی خبر نہ تھی
وہ جو سامنے تھی، مگر نہ تھی
کبھی سوچتے تھے طویل ہیں
رہِ شوق کی یہ مسافتیں
کبھی خود ہی کہتے، قلیل ہیں
سبھی بے یقینی کی ساعتیں
مگر اب یہ کہتے ہیں دوستو
کہ تمام ہو گیا اک سفر
نئے راستوں پہ جو ہے نظر
نئے منظروں کی تلاش ہے

کہیں آگے بڑھنے کی فکر ہے
کہیں فکرِ کسبِ معاش ہے
کسی مہ جبیں کے جو خواب ہیں
وہ جو زندگی کے چھپے ہوئے کئی راز ہیں
ابھی کچھ دنوں میں یہ دیکھنا
کہ حقیقتوں میں بدل گئے
کئی لوگ ایسے بھی دیکھنا
کہ جو اپنا رستہ بدل گئے
وہ جو راہِ عشق میں گر پڑے تھے، سنبھل گئے
مگر اب یہ قصّے کہانیاں
جو حقیقتوں کا نچوڑ ہیں
یہ بھلا سکیں گے نہ ہم کبھی
ہمیں یاد آؤ گے تم سبھی

یہ جو چار برسوں کا ساتھ ہے
ہمیں یاد ہے!

		  Supplementary exams 



صُمٌ، بُکمٌ، عُمیٌ 



بے حسی موت بھی تو ہوتی ہے
مرنے والا بھی سن نہیں سکتا
اُس کی آنکھیں بھی دیکھتی کب ہیں
وہ بھی رُکتا نہیں ہے کہنے سے
جو  ہو  چاہے  نوشتۂ دیوار
کچھ بھی لکھا وہ پڑھ نہیں سکتا
کیا ہے اچھا برا، وہ کیا جانے
کیسے اپنے پرائے پہچانے
بے حسی موت ہی تو ہوتی ہے
ہم بھی کتبے اُٹھائے پھرتے ہیں!
***




تبدیلی سے پہلے کا یہ موسم دیکھا بھالا ہے
حبس علامت ہے اُس کی، طوفان، جو آنے والا ہے
اپنے گِرد بچھا ہے ظلمت کی سازِش کا جال، مگر
ہاتھوں میں جب آ جائے تو یہ مکڑی کا جالا ہے
دولت اور طاقت کے نشّے میں قدروں کی پامالی
ہم نے یہی منظر دیکھا ہے جب سے ہوش سنبھالا ہے
کون مجھے اب راہوں کی سختی کا خوف دِلائے گا
پتھریلی راہوں کا ساتھی، میرے پاؤں کا چھالا ہے
منظر کی دھندلاہٹ میں ہوتی ہے اک سرگوشی سی
ایوانوں کی ہلچل کہتی ہے ’’کچھ ہونے والا ہے‘‘
محلوں کے باسی کیا جانیں خود داری کی شاہی کو
تخت کسی کی منزل ہوگا، میں نے تاج اُچھالا ہے
شب کی اِس ظلمت میں کتنے جگنو قید کرو گے تم
رات بہت لمبی ہے لیکن اس کے بعد اجالا ہے








دو رُخی



کوئی سمجھے مجھے اچھا، 
یہ خواہش تنگ کرتی ہے
تو میں اکثر بظاہر بھول کر تاریک ماضی کو
نکل پڑتا ہوں چہرے پر سجا کر بے نیازی کو
لُٹاتا ہوں میں ہر اک سمت خوشبو اپنی باتوں سے
سیاہی دور کرتا ہوں کہیں تاریک راتوں سے
مگر اِس خول سے باہر میں آ جاتا ہوں کچھ ایسے
گھٹا چھٹ کر نظر آتا ہے نیلا آسماں جیسے
تو وہ بھی دیکھ لیتا ہے
فقط جس کی نگاہوں کے لئے خود کو سنوارا تھا
وہی، 
جس کے لئے میں نے پرایا روپ دھارا تھا
اُسی لمحے میں اپنے خول میں واپس سمٹتا ہوں
نجانے کیسا لگتا ہوں!
پھر اپنے خول میں رہ کر
اُسی کی راہ تکتا ہوں
کہ شاید وہ مجھے پھر دیکھ لے مانوس نظروں سے
میں ظاہر یہ کروں، گویا
مرا جو روپ بدلا تھا
وہ اک ساعت کا دھوکہ تھا
میں جب تنہائی میں اِس دو رُخی پر غور کرتا ہوں
اذیّت سے گزرتا ہوں
کہ دنیا تو منافق ہے
مگر دنیا سے کیا شکوہ
کہ میں خود بھی تو دنیا ہوں !




حال لگتا ہے اب تو خواب مجھے
وقت بھی دے گیا سراب مجھے

نت نئے آئینے دکھائے گا
میری غزلوں کا انتخاب مجھے

اب کے اِن میں لہو کی ہے سرخی
اب کے بھاتے نہیں گلاب مجھے

اپنی ہی فتح سے ڈراتا ہے
اپنے ہی ظرف کا حساب مجھے

میں شکستِ انا پہ بھی چُپ ہوں
سب سمجھتے ہیں کامیاب مجھے

میں رہا موسموں سے بے پروا
راس آئے نہ انقلاب مجھے

قیدِ ماضی ہے گرچہ ہوش رُبا
خود کو کرنا ہے بازیاب مجھے

میں وَرَق ہوں کتابِ ہستی کا
زندہ رکھتا ہے انتساب مجھے




ابھی ہم زندہ ہیں


جھکائے سر، نظر نیچی کئے چلنا نہیں اچھا
ستارے کا شبِ تاریک میں ڈھلنا نہیں اچھا
دلوں میں بے قراری ہے، بہت بے اعتباری ہے
کہ ہم نے عمر ہی اِس بے یقینی میں گزاری ہے
کبھی غیروں کے ہاتھوں چوٹ لگتی ہے دل و جاں پر
کبھی پڑتی ہے خود اپنوں کے ہاتھوں ضرب ایماں پر
کبھی یہ لوگ ہم خستہ تنوں کو آزماتے ہیں
کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ ہم خود ٹوٹ جاتے ہیں
 مگر اِن امتحانوں سے گزرنا ہم کو آتا ہے
کہ ہر لمحہ ہمیں امّید کی راہیں دکھاتا ہے
یہ مانا بے یقینی ہے مگر احساس باقی ہے
ابھی ہم لوگ زندہ ہیں، ابھی تو آس باقی ہے!
***




تلاشِ ذات میں اک شب نکل گیا تنہا
میں اک ستارہ، خلاؤں میں جل گیا تنہا

یقین تھا کہ رگِ جاں سے بھی قریب ہے وہ
سو میں بھی شہرِ عداوت میں کل گیا تنہا

جو میرے ساتھ چلا تھا جنوں کے رستے پر
جو دن ڈھلا تو وہ رستہ بدل گیا تنہا

ہوئی طلوع جو مجھ میں کوئی سحر اک دن
تو میں وفاؤں کے رنگوں میں ڈھل گیا تنہا





ہائیکو


ریت پہ ننگے پاؤں
تو آوارہ بادل ہے
یا بادل کی چھاؤں
**

رات اندھیری تھی
چاند نظر آتا کیسے
زلف گھنیری تھی
**

موج سمندر کی 
آنسو بن کر کہتی ہے
باتیں اندر کی
**

وعدے ٹوٹیں گے
کیا تم کو معلوم نہ تھا؟
اپنے لُوٹیں گے
**

کفّارہ ہوگا
تم رو  دو گے، جب گھر کا
بٹوارہ ہوگا
**

بوجھ اُتاریں گے
گویا  اب  آقا  ہم  کو
بھوکا ماریں گے
**

سمجھوتہ کر کے
کیا دروازے توڑو گے
خود اپنے گھر کے؟
**

کس کو  ٹوکو  گے؟
آگ لگا کر، شعلوں کو
کیسے روکو گے؟
**

دل تو روتا ہے
لیکن جب انصاف نہ ہو
ظلم تو ہوتا ہے
**

ظالم اور مظلوم
پھر خوشیوں سے رہتے ہیں
دونوں ہی محروم
**

لوگ ہیں لب بستہ
ڈھونڈ نہ لیں آزادی کا
کوئی نیا رستہ
**









ہائیکو (کراچی)



رنگت بدلے گی
شہرِ ناپرساں کی بھی
قسمت بدلے گی
**

وہ دن آئیں گے 
جو تیرے رُوٹھے موسم
واپس لائیں گے
**

بدلیں گے انداز
میرے شہر میں گونجے گی
خوشیوں کی آواز
**

گھور  اَندھیرا  ہے
سورج بن کر آؤں گا
شہر تو میرا ہے
**

شاعر کی اجازت اور فائل کی فراہمی کے تشکر کے ساتھ۔

ان پیج سے تبدیلی، پروف ریڈنگ اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید