﻿


میرے ہو کے رہو



وصی شاہ

ترتیب: اعجاز عبید





تری جبیں پہ لکھا تھا کہ تُو بھلا دے گا
سو میں بھی بھانپ گیا تھا کہ تُو بھلا دے گا

ہر ایک شخص سے لڑتا رہا میں تیرے لئے
ہر اِک نے مجھ سے کہا تھا کہ تُو بھلا دے گا

یہ تیر ی آنکھوں پہ حلقے سے پڑ گئے کیسے
مجھے تو تُو نے کہا تھا کہ تُو بھلا دے گا

نکال لایا ہے پھر الزام پرانے تُو
یہ ہم نے طے بھی کیا تھا کہ تُو بھلا دے گا

کچھ اس لئے بھی اک تِل تھا تیری آنکھوں میں
مجھے تو تب بھی پتا تھا کہ تُو بھلا دے گا
٭٭٭



شرارت

جس کروٹ لیٹے تھے ہم تم
چاند تمہاری پیشانی کو چوم رہا تھا
دیکھو جاناں!
چاند وہاں سے ہجرت کر کے
پیروں تک آ پہنچا ہے
سو جاؤ اب
باقی باتیں کل کر لیں گے
میرا کیا ہے
لیکن چاند کو سونا ہوگا
٭٭٭



Sun Set Point

جھیل کے آخری کنارے پر
وہ جہاں شام ڈوب جاتی ہے
آخری بار آ کے مل جاؤ
آخری بار جو آؤ ملنے
تم اُسی رنگ کے کپڑے پہنو
جس کو اب سے کئی برسوں پہلے
پہنے آئی تھی، یہ کہنے مجھ سے
دل کی گہرائی سے چاہت تمہیں
بے پناہ محبت ہے مجھ سے تمہیں
تجھ کو معلوم نہیں ہے شاید
تیرے کپڑوں کے سبھی رنگ تو اے جانِ جاناں
میرے جیون کے شب و روز میں در آئے تھے
آخری بار جو آ جاؤ
تو اُسی رنگ کے کپڑے پہنو
اور اُسی ڈھنگ سے دیکھو مجھ کو
جس میں امیدیں تھیں چاؤ تھے
محبت کے جہاں بستے تھے
آخری بار جو آؤ ، وہی تحفہ لاؤ
وہ جو اُس پہلی ملاقات پہ تم لائی تھیں
اپنی چاہت کا مہکتا تحفہ
نرم ہونٹوں کا دہکتا تحفہ
آخری بار کچھ اس طرح سے ملنے آؤ
کہ کہیں آنکھ میں، لب پر
کوئی ویرانی نہ ہو
میں بھی ویسے ہی ملوں گا، انہی جذبوں کو لئے
جن سے اس دل کے کبھی بندھن تھے
جو کبھی مجھ میں بہت روشن تھے
جھیل کے آخری کنارے پر
وہ جہاں شام ڈوب جاتی ہے
آخری بار جو مل کر مجھے واپس لوٹو
تو کچھ اس طرح لوٹ جاناں
کتنی ہی صدیوں کے جذبات میں آباد رہے
مرتے دم تک یہ ملاقات ہمیں یاد رہے
٭٭٭



غارِ حرا کی دیواروں کو

غارِ حرا کی دیواروں کو
چھو کر یوں محسوس ہوا ہے
جیسے میں نے تیرے جسم کو چھو دیکھا ہو
جیسے مجھ میں اقراء اقراء
کی آوازیں گونج اٹھتی ہوں
غارِ حرا کی دیواروں کو چھو کر آقا
علم کی پیاس بجھی بھی ہے
اور
بڑھ بھی گئی ہے !
٭٭٭



Passionate


میں جو دن کو بھی کہوں رات ، وہ قرار کرے
مجھ کو حسرت ہے کوئی یو ں مجھے بھی پیار کرے
میری خاطر وہ سہے دنیا کے طعنے، دھکے
ننگے پیروں سے وہ صحراؤں کے کانٹے چکھے
مجھ کو پانے کے لئے جُون کے روزے رکھے
میں ہوں دیوانہ، وہ دیوانوں سا اظہار کرے
میں جو دن کو بھی کہوں رات، وہ اقرار کرے
مجھ کو حسرت ہے کوئی یوں بھی مجھے پیار کرے
٭٭٭




عشق میری پسندیدہ



عشق ہوا میں
عشق گھٹا میں
عشق کَنک کے ہر خوشے میں
کُو کُو کرتی امبوا جی سے پیار جتاتی کوئل میں
ہُک ہُک کر کے چلتی گاؤں کی سات سریلی چکی میں
لمبی سی باریک سی پگڈنڈی میں عشق
بیل کے کانوں سے لپٹی ہوئی
رنگ برنگی جھنڈی میں عشق
گھر کے دروازے پہ لٹکی دل جیسی اُس کنڈی میں
جس میں کسی سسی کا، ہیر کا، جٹی کا
دل اٹَکا ہو
رنگ برنگے بٹنوں میں
کَکلی میں
گُلی ڈنڈے میں
چھت پہ پھیلی بان کی چارپائی میں عشق
بوڑھی، جھریوں والی، گالیاں دیتی، روٹیاں چھنڈتی
شیدے کی مائی میں عشق
بھٹی والی دانوں میں
درد کے ساتھ جو بُھن جاتے ہیں
کاگا جی کی بولی میں
جو پردیسی اَون کا کہہ کر
دانا دُنکا چُن جاتے ہیں
روپ روپ میں، روم روم میں، انگ انگ میں
عشق رچا ہے
دریا کے پانی میں دیکھو
ساتھ گھڑے کے سوہنی کے سنگ تیر رہا ہے
ہیر کے گجرے میں ، جُوڑے میں
عشق کلائی کے چُوڑے میں
عشق گلوں میں عشق سفر میں
عشق سجن می مست نظر میں
عشق دے رنگلے رنگ اوہ بیبا
عشق دے رنگلے رنگ
عشق دے وکھرے رنگ او ماہی
عشق دے وکھرے رنگ
٭٭٭



درد کی دل پہ حکومت تھی

درد کی دل پہ حکومت تھی، کہاں تھا اُس وقت
جب مجھے تیری ضرورت تھی، کہاں تھا اُس وقت
موت کے سُکھ میں چلا آیا مجھے دیکھنے کو
زندہ رہنے کی مصیبت تھی کہاں تھا اُس وقت
دل کے دریاؤں میں اب ریت ہے صحراؤں کی
جب مجھے تجھ سے محبت تھی، کہاں تھے اُس وقت
٭٭٭


اب مرے، صرف میرے ہو کے رہو

اپنی خاطر جگے ہو، سوئے ہو
اپنی خاطر ہنسے ہو روئے ہو
کس لئے، آج کھوئے کھوئے ہو
تم نے آنسو بہت پئے اپنے
تم بہت سال رہ لئے اپنے
اب مرے، صرف میرے ہو کے رہو

حُسن ہی حُسن ہو ، ذہانت ہو
عشق ہوں میں، تو تم محبت ہو
تم مری بس مری امانت ہو
جی لئے، جس قدر جیے اپنے
تم بہت سال رہ لئے اپنے
اب مرے، صرف میرے ہوکے رہو

رہتے ہو رنج و غم کے گھیروں میں
دُکھ کے، آسیب کے بسیروں میں
کیسے چھوڑ دوں تمہیں اندھیروں میں
تم کو دے دوں گا سب دیے اپنے
تم بہت سال رہ لئے اپنے
اب مرے، صرف میرے ہو کے رہو

تم ازل سے دکھوں کے ڈیرے ہو
چاہے خود کو غموں سے گھیرے ہو
جب سے پیدا ہوئے ہو میرے ہو
آج کھولیں گے لب سیے اپنے
تم بہت سال رہ لئے اپنے
اب مرے، صرف میرے ہوکے رہو

اب مجھے اپنے درد سہنے دو
دل کی ہر بات دل سے کہنے دو
میری بانہوں میں خود کو بہنے دو
مدتوں خود زخم سیے اپنے
تم بہت سال رہ لئے اپنے
اب مرے، صرف میرے ہو کے رہو
٭٭٭



نیند

وہ جسے نیند کہا کرتے ہیں، چین کی نیند
وہ ترے بعد کبھی آنکھ میں اُتری ہی نہیں
٭٭٭





چاہے تو کام میں لا، چاہے نکما کر دے
میں ترا ہوں، تری مرضی مجھے جیسا کر دے

تیرا بیمار ہوں ازلوں سے ، نہ مر جاؤں کہیں
اک نظر دیکھ لے مجھ کو مجھے اچھا کر دے

تجھ سے بس اتنی ہی خواہش مرے مالک کی ہے
اس کے دل کو میں لبھا ہوں مجھے ایسا کر دے

جو ترا ہوگا زمانے سے وہ کٹ جائے گا
تُو تو جس شخص کو چاہے اُسے تنہا کر دے

ایسا نور آئے کہ دنیا مرا چہرہ دیکھے
تُو جو پلکوں کا پرے چہرے پہ سایہ کر دے

وہ خدا تجھ سے فقیروں کی تو سُن لیتا ہے
اُس سے کہنا مجھے عشق میں رُسوا کر دے

مجھ کو دیتا ہے وہ عزت، کرم ہے اُس کا
تیرے بس میں ہو اگر تُو مجھے رسوا کر دے
٭٭٭



ظالم

کبھی ظالم نے سجایا نہ سنوارا مجھ کو
جیسے رہتا ہے کرائے کے مکاں میں کوئی
٭٭٭



Design Defect


میرے سورج!
تری زمیں ہوں میں
کوئی موسم ہو تیرے گرد مجھے
گھومنا ہے
مرا تو کام ہی تیرا طواف کرنا ہے
٭٭٭


ایک نظم

حُسن ہو پھر بھی محبت میں بدل جاؤ گی
تم مرے عشق کی حدت سے پگھل جاؤ گی
میں نہ کہتا تھا تمہیں ہجر فنا کر دے گا
اس کٹھن راہ پہ نکلو گی تو جل جاؤ گی
٭٭٭



Impossible

جتنی دعائیں آتی تھیں
سب مانگ لیں ہم نے
جتنے وظیفے یاد تھے سارے
کر بیٹھے ہیں
کئی طرح سے جی دیکھا ہے
کئی طرح سے مر بیٹھے ہیں
لیکن جاناں!
کسی بھی صورت
تم مرے ہو کر نہیں دیتے!
٭٭٭


کون کہتا ہے، شرارت سے تمہیں دیکھتے ہیں
جانِ من ہم تو محبت سے تمہیں دیکھتے ہیں

تم کو معلوم نہیں تم ہو مقدس کتنے
دیکھتے ہیں تو عقیدت سے تمہیں دیکھتے ہیں

دیکھ کے تم کو کسی اور کی یاد آتی ہے
ہم کسی اور ہی نسبت سے تمہیں دیکھتے ہیں

ساتھ غیروں کے نظر آؤ تو جی کُڑھتا ہے
کیا کہیں کیسی اذیت سے تمہیں دیکھتے ہیں

جھونکنی پڑتی ہے، یہ جان عذابوں میں ہمیں
کون کہتا ہے کہ سہولت سے تمہیں دیکھتے ہیں

جانے کیا لکھتے ہو کیا سوچتے رہتے ہو وصی
رات کو جب بھی کبھی چھت سے تمہیں دیکھتے ہیں
٭٭٭



شک

موبائل کی بیل بجتی ہے
اور تم جاناں!
گھر کے اُس کونے میں، جس میں
سب سے بڑھ کر
سب سے واضح
Signalsفون پہ آتے ہیں
اُس کونے میں کھڑے ہوئے بھی
کیوں کہتے ہو
"صاف نہیں ہے کچھ آواز "
پھر باہر یا چھت پر جاکر
گھنٹوں گھنٹوں
کس سے باتیں کرتے ہو تم
کون ہے وہ !
٭٭٭



جب بھی وہ شخص وصی مجھ سے خفا ہو جائے
اِک سُنامی مرے سینے میں بپا ہو جائے

دل میں پھر کچھ نہیں ہوگا، خلاؤں کے سوا
تو اگر کسی روز مجھ سے جُدا ہو جائے

وہ بہت رکھتا ہے چاہت کی نمازوں کا حساب
وہ تو اک سجدہ نہ بخشے جو قضا ہو جائے

تھپکیاں دے کہ سُلاتی ہے تری یاد ہمیں
نیند جس رات بھی آنکھوں سے خفا ہو جائے

یہ تقاضا ہے محبت کی عبادت کا وصی
اُس کو چھو لینے سے اِک رُکن ادا ہو جائے
٭٭٭


جو اپنی عمر سے آگے نکل رہی ہو تم
تمہیں خبر ہے جوانی میں ڈھل رہی ہو تم

کبھی تمہیں بھی دعویٰ تھا سرد مہری کا
کسی کے لمس کو پا کر پگھل رہی ہو تم

بتاؤ کیوں نہیں روکا تھا جانے والے کو
اب ایک عمر سے کیوں ہاتھ مل رہی ہو تم

جو والدین نے تم سے کہا وہ مان لیا
اب اپنی آگ سے چُپ چاپ جل رہی ہو تم

ہمارے دل کا کھلونا تمہی نے توڑا تھا
اب اِس کھلونے کی خاطر مچل رہی ہو تم

تمہیں گماں ہے کہ میں جانتا نہیں کچھ بھی
مجھے خبر ہے کہ رستہ بدل رہی ہو تم
٭٭٭



Nostalgia

یہیں پہ تھا مرا بچپن یہیں کہیں پر تھا
یہیں ہنسا تھا
یہیں پر کہیں پہ رویا تھا
یہیں درختوں کے سائے میں
تھک کے سویا تھا
یہیں عشق کے موسم تھے یار بیلی تھے
یہیں پہ کھیل تھے،میرے یہیں گھروندے تھے
یہیں پہ چوڑیوں سے نام کاڑھ لیتے تھے
یہیں پہ تتلیوں سے رنگ چھان لیتے تھے
یہیں پہ جگنوؤں سے اپنی بات چلتی تھی
کوئی ہنسی تھی جو ہر وقت ساتھ چلتی تھی
یہیں پہ تھا وہ لڑکپن، یہیں کہیں پر تھا
یہیں پہ ماں مجھے سینے لگائے رکھتی تھی
یہیں پہ پاپا نے ایک بار کان کھینچے تھے
یہیں بنایا تھا اُستاد نے مجھے مُرغا
شرارت کسی اور نے کی تھی سزا مجھے تھی ملی
میں کتنی دیر کھڑا دھوپ میں رہا تنہا
تمام یار مرے، خوش مری سزا پر تھے
مرا وجود تھے کمبخت، کتنے پاجی تھے
یہیں پہ تھا وہ لڑکپن یہیں کہیں پر تھا
یہیں کہیں پہ ریخیں ابھر رہی تھیں مری
انہی جھروکوں سے کچھ چاند جھانکتے تھے مجھے
یہیں کہیں پہ وصی خواب دیکھنا سیکھا
اور اپنے لوگوں کے بارے میں سوچنا سیکھا
میں جو بھی کچھ ہوں، یہیں ہوں
اسی جگہ سے ہوں
یہیں پہ تھا مرا بچپن، یہیں کہیں پر تھا
٭٭٭



Scent

مہکی مہکی سی ہیں آنکھیں
اُس لمحے سے میری
خواب میں تم نے
ہونٹ رکھے ہیں
جب سے جلتی آنکھوں پر
٭٭٭



میرے ہو کے رہو

تم بہت سال رہ لئے اپنے
اب صرف میرے ہوکے رہو


جس سے بندھے تھے دونوں، وہ غم نہیں رہے ہیں
تم، تم نہیں رہے ہو، ہم، ہم نہیں رہے ہیں
لمحوں کے پیڑ پر ہیں، کچھ پھول درد و غم کے
جیون میں اب خوشی کے موسم نہیں رہے ہیں
راہوں میں اب کھڑا ہوں، پھیلائے ہاتھ خالی
غم تھے میرا اثاثہ اور غم نہیں رہے ہیں
چاہت کے گیت میں ہے کوئی کمی یقیناً
آخر تیرے میرے سُر جم کیوں نہیں رہے ہیں
رو رو کے تیرے دُکھ صحرا سا ہو گیا ہوں میں
اب آنکھ کے کنارے بھی نم نہیں رہے ہیں
تو اور سمت میں ہے، میں اور سمت میں ہوں
اُلفت کے راستے اب باہم نہیں رہے ہیں
فکرِ معاش نے تو جذبوں کو روند ڈالا
عاشق وگرنہ ہم بھی کچھ کم نہیں رہے ہیں
تم ہی تھے میری دُنیا، تم ہی مری محبت
تم جو نہیں تو دونوں عالم نہیں رہے ہیں
٭٭٭

ماخذ:
http://pak.net/%D9%85%DB%8C%D8%B1%DB%92-%DB%81%D9%88%DA%A9%DB%92-%D8%B1%DB%81%D9%88/
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
