﻿
نگاہ









جلیل سازؔ



 



نام کتاب	:	نگاہ(شعری مجموعہ)
شاعر	:	جلیل سازؔ
		تکیہ محبوب شاہ، مومن پورہ، ناگپور
ناشر	:	الحاج وکیل پرویز
		ڈائرکٹر تنویر گروپ آف ہوٹلس، ناگپور
کمپیوٹر کمپوزنگ	:	بیباک کمپیوٹرس، مالیگاؤں
مطبع	:	اقصیٰ آفسیٹ پریس، ملا باڑہ روڈ، مالیگاؤں

…ملنے کے پتے…
*	الحاج وکیل پرویز، ہوٹل تنویر، مومن پورہ، ناگپور/۴۴۰۰۱۸(مہاراشٹر)
*	صالحہ بک ٹریڈرس، نزد جامع مسجد، مومن پورہ، ناگپور/۴۴۰۰۱۸ (مہاراشٹر)
*	ہفت روزہ  ’’بے باک‘‘ اسلام پورہ، مالیگاؤں(مہاراشٹر)
*	ماہنامہ ’’گل بوٹے‘‘ رحمن کمپاؤنڈ، بائیکلہ(ویسٹ) ممبئی/۱۱(مہاراشٹر)

 





میں یہ مجموعۂ کلام
اپنی رفیقۂ حیات
مرحومہ رحمت بیگم
کے نام معنون کر رہا ہوں
جس کی دائمی جدائی کا غم 
اب تک میرا تعاقب کر رہا ہے
 



اظہارِ حقیقت

میری شاعری کاسفر نصف صدی کو عبور کر چکا ہے۔اب میں عمر کی اس منزل پر ہوں جہاں قویٰ بالکل مضمحل ہو جاتے ہیں۔ سوچ کام نہیں کرتی اور دل میں خوفِ آخرت ہر لمحہ شدت سے جاگزیں ہوتا ہے۔
اس طویل عرصے میں، میں نے شاعری کے کئی دور دیکھے۔ کئی تجربے اور مشاہدے ہوئے۔ خوب شاعری کی۔ غزلیں، نظمیں اور قطعات میں اپنے جذبات و احساسات کا اظہار کیا۔ ان میں کچھ کلام ضائع ہوا، کچھ چوری ہوا اور کچھ محفوظ ہے۔
کئی مرتبہ اپنے مجموعۂ کلام کو ترتیب دینے اور شائع کرنے کی کوشش کی مگر ناکام رہا۔ اس سال میرے چھوٹے بھائی وکیل پرویز کی مجھ پر نگاہِ التفات اٹھی۔ ان کے مسلسل اصرار پر دامن بچانا مشکل ہو گیا لہٰذا میرا مجموعۂ کلام زیورِ طبع سے آراستہ ہو رہا ہے۔ کلام کے انتخاب اور مجموعے کی ترتیب و تزئین میں ڈاکٹر محمد شرف الدین ساحل نے خصوصی دلچسپی لی ہے۔ اس کے لیے میں ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اپنے چھوٹے بھائی وکیل پرویز کا ممنون ہوں جن کی نگاہ التفات اس مجموعہ کی اشاعت کاسبب ہے۔ میں جناب محمد ہارون، بی اے(مدیر بیباک، مالیگاؤں) اور ان کے فرزند ارجمند مومن آصف کا بھی شکریہ ادا کرنا ضروری سمجھتاہوں جنھوں نے کمپیوٹر کمپوزنگ اور طباعت کی ذمے داریوں کو بخوشی قبول فرمایا اور کتاب کو ظاہری حسن عطا کیا۔
انصاری اصغر جمیل، ماسٹرمحمدسعید، ماسٹرہارون رشید عادل ،محفوظ اثر اور محمد رفیع الدین (مالک ساحل کمپیوٹرس، مومن پورہ،ناگپور) بھی شکریے کے مستحق ہیں جنہوں نے کتاب کی اشاعت کے دوران میر اساتھ دیا۔ حقیقت یہ ہے کہ اگر ان مخلصین کا مجھ کو تعاون حاصل نہ ہوتا تو یہ کتاب ہر گز منصۂ شہود پر نہ آتی۔ میں ان سب کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
مومن پورہ،ناگپور	ناچیز
۲۲فروری ۲۰۰۶ء	جلیل سازؔ

 

جلیل ساز
میرا سفرنامہ
میرا خاندان ۱۸۵۷ء کے تاریخی انقلاب کے بعد پورہ صوفی (مبارکپور، ضلع مئو) سے نقلِ مکانی کر کے ناگپور آیا اور یہاں مستقل آباد ہوا۔میرے پردادا میانجی عبدالواحد اور جد امجد حاجی عبدالجبار پارچہ باف تھے۔ میرے والد حاجی محمد رفیق کا شمار شہر کے مشہور پہلوانوں میں تھا۔ گورے چٹے، لحیم شہیم اور اونچے قد کے تھے۔ انھوں نے سیٹھ محمد طیب پہلوان کی معیت میں رنگ ریزی کا کام سیکھا۔ ہینڈلوم چلوائے۔ اس کی وجہ سے ان کی اقتصادی حالت بہت مضبوط ہو گئی۔ انھوں نے پہلی شادی پڑوس کے ایک بزرگ کی بیٹی سے کی جو دو بچوں کے بعد داغِ مفارقت دے گئیں۔ بعد میں میری والدہ خدیجہ بی بنت عبدالحق (سابق متولی جامع مسجد، ناگپور) سے نکاح کیا۔ ان سے ہم تین بھائی:میں، وکیل پرویز، عبدالقدیر(پیارے پہلوان) اور تین بہنیں پیدا ہوئیں۔ تیسری شادی امینہ بی سے کی۔ ان سے ایک لڑکی تولد ہوئی۔ یوں بڑا خاندان ہے۔
میرے جد امجد حاجی عبدالجبار قانونی امور کے ماہر تھے۔ میری دادی اسلامیہ ہائی  سکول، ناگپور کے سابق صدر حاجی عبدالستار میانجی کی حقیقی پھوپھی تھی۔ وہ محبت و شفقت کی پتلی اور صوم و صلوٰة کی پابند تھی۔ انھوں نے اپنے میکے اورسسرال کے تقریباً بیس بائیس یتیم بچوں کی خوش دلی اور مشفقانہ اندازسے تنہا پرورش کی اورسب کوتعلیم و تربیت سے آراستہ کیا۔ یہ ان کے عزم و حوصلے کا کمال تھا۔
میری پیدائش ۲فروری ۱۹۳۱ء کو آبائی مکان میں ہوئی۔ مولانا ناطق گلاؤٹھوی سے میرے نانا کے گہرے مراسم تھے۔ اس لیے انھوں نے ہی میرا نام تجویز کیا۔ یہیں سے ایک شاعر کی حیثیت سے قرعۂ فال میرے حق میں نکلا۔ میرا خاندان دینی لحاظ سے سلفیہ مسلک سے منسلک تھا اس لیے میری ابتدائی تعلیم و تربیت بڑی سختی سے ہوئی۔ اونچا پائے جامہ پہننا پڑتا تھا۔ ہر جمعہ کوسرمونڈنے کے لیے گھر پر نائی آتا تھا۔ یہ قید مجھ کو پسند نہیں تھی اس لیے میں اپنے گھرسے نانا کے گھر چلا  آیا جو محمد علی سرائے سے متصل تھا۔
میرے نانا کے ساتھ ان کے چھوٹے بھائی صوفی عبدالصمد اختر بھی رہا کرتے تھے۔ وہ اچھے شاعر اور مشہور عامل تھے۔ انھیں مولانا ناطق گلاؤٹھوی سے شرفِ تلمذ حاصل تھا۔ اسی تعلق کی بنیاد پر مولانا ان کے گھر آیا کرتے تھے۔ شعر و شاعری کے تذکرے ہوتے تھے۔ حکیم واقف برہانپوری  اور منشی خلیل جونپوری بھی اکثر نانا کی خدمت میں حاضر ہو کر کلام سناتے اور ان کے مشوروں سے مستفیض ہوتے۔ نانا حجرہ نشین تھے۔ اشراق کی نماز کے بعد ناشتہ کرتے اور عملیات یا شاعری میں دن بھر مصروف رہتے۔
اسی شاعرانہ ماحول میں میرا شعور بیدار ہوا  اور مجھے بھی شاعری کاچسکالگ گیا۔ ایک دن اپنی غزل لے کران کی خدمت میں پہنچا تو چند نصیحتیں کیں۔ اس کے بعد جب بھی غزل لے کر جاتا تو شوق سے سنتے اور تاکید کرتے کہ یہاں یہاں درست کر لو اور پھر غزل لے کر چولھے میں جلا دیتے۔ میں یہ تماشا صبر و ضبط کے ساتھ خاموشی سے دیکھا کرتا۔ یہ سلسلہ دوسال تک جاری رہا۔ وہ مجھ کو مشاعروں میں شرکت سے روکتے۔ کبھی کبھار واقف برہانپوری یا منشی خلیل کے ساتھ بھیج دیتے۔ مگر انھیں بھی تاکید کر دیتے کہ ابھی اسے کلام خوانی سے دور رکھو۔
انھوں نے دوسال بعد ۱۹۴۷ء کے طوفانی دور میں فرمایا کہ میں حجرہ نشین ہوں۔ آج کی شاعری اور حالات سے بے خبر ہوں اس لیے تم اپنی غزل کسی اچھے شاعر کو بتاؤ۔ میں نے نام دریافت کیا تو فرمایا کہ تم یہ انتخاب خود کرو۔ میں نے مولانا ناطق گلاؤٹھوی کا انتخاب کیا اور اپنے دوست سیداصغر راہی کولے کر ایک دن ان کے گھر جا پہنچا۔ حضرت مولانا نے میرا بڑی اپنائیت کے ساتھ خیرمقدم کیا۔ میں نے ان سے اپنی غزل پر اصلاح کی درخواست کی۔ انھوں نے میری درخواست قبول فرمائی اور غزل لے کر رکھ لی۔ جب میں غزل لینے پھر ان کے گھرگیاتواس پر اصلاح ان کے معمول کے مطابق تھی۔ میری غزل غائب تھی اور میرے مقطع کے ساتھ ان کا کلام میرے ہاتھ میں تھا۔ مجھ کو ان کا یہ طرزِ اصلاح برا معلوم ہوا۔ بحث کی لیکن لاحاصل۔ لہٰذا دوسری غزل کے بعد ان سے اصلاح لینا بند کر دیا اور اپنے دوستوں کے مشورے پر حضرت طرفہ قریشی کے حلقۂ تلامذہ میں شامل ہو گیا۔ 
طرفہ صاحب قادر الکلام شاعر تھے۔ وہ اپنے شاگردوں کو اصلاحِ کلام کے علاوہ شعر کے محاسن و معائب اور توجیہہ سے بھی آگاہ کرنا اپنا فرضِ منصبی سمجھتے تھے۔ مگر شاگردوں کو غزل کی تقسیم سے بھی گریز نہیں کرتے تھے۔ یہ بات مجھے اور میرے دوست فرید تنویر کوپسندنہیں تھی۔اسی بنا پر میں نے سیٹھ عبد العزیز انصاری کی تحریک پران سے بہت جلد دوری اختیار کر لی۔ پھر ہوا یہ کہ فنا حیدرآبادی کی جو مولانا ناطق کے شاگرد تھے کسی بات پران کے استاد سے ان بن ہو گئی ۔ معاملہ بڑھ گیا۔ فنا اپنے استاد ناطق سے بے حد ناراض ہو گئے۔ اس وقت طرفہ صاحب نے فنا کو اپنے حلقہ میں شامل کر لیا۔ مجھ کو یہ بات ناگوار گزری۔ اسی بات پر تنا تنی بڑھی تو طرفہ صاحب نے مجھے ۱۹۵۲ء میں عاق کر کے اپنی شاگردی سے نکال دیا۔ فنا شاعر اور شاعر نواز تھے۔ مومن پورہ چوک پر ان کی ہوٹل تھی جہاں ہر وقت شعرا کا مجمع رہا کرتا تھا۔
طرفہ صاحب سے علاحدگی کے بعد میں نے بذریعہ خط و کتابت احسان دانش سے اصلاح لینی شروع کی۔ موصوف نے میری بے انتہا ہمت افزائی کی اور مطالعہ پر زور دیا۔ اب ادبی کتابوں اور رسالوں کا مطالعہ میرا معمول بن گیا۔ اسی نے میری زبردست رہنمائی کی۔ احسان دانش نے مجھے چند غزلوں کی اصلاح کے بعد ۱۹۵۶ء میں فارغ الاصلاح قرار دے دیا تھا۔
شاعری کے ابتدائی دور میں میرا بمبئی آنا جانا رہتا تھا۔ اس وقت میں فلم نگری میں شمولیت کے لیے ہاتھ پیر مار رہا تھا۔ اسی اثنا میں شکیل بدایونی، مجروح سلطان پوری، محمود درّانی اور ترقی پسند ادیبوں اور شاعروں سے میرے قریبی مراسم قائم ہو گئے تھے۔ ان سب نے میری فکر پر  اثر ڈالا۔ بمبئی کے اخباروں خصوصاً اقبال، خلافت اور انقلاب میں میرا کلام چھپنے کی وجہ سے بمبئی کی ادبی فضا میرے لیے سازگار رہی جو اب تک ہے۔ انجم رومانی، صبا افغانی، منصور فریدی  اور کیفی اعظمی کی صحبتوں نے بھی مجھے کافی نکھارا۔
میرا کلام شروع ہی سے موقر اخبارورسائل میں چھپتا رہا ہے۔ یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ عالمگیر، ہمایوں، الوارث، شمع، شاعر، آج کل، شگوفہ، انشا، گونج، اردو میلہ، اردو ٹائمز، انقلاب، نشیمن اور اخبار نو کے صفحات اس کے شاہد ہیں۔ ان میں سے بعض اخبارات میں میرے سیاسی آرٹیکل اورمراسلات بھی شائع ہوئے ہیں۔ میں نے ۱۹۸۰ء میں ایک پندرہ روزہ مشعلِ حیات نکالا تھا  جو زیادہ عرصہ تک جاری نہ رہ سکا۔ میری سماجی اور سیاسی مصروفیات اس راستے میں حائل ہو گئیں۔
شاعری کے ساتھ ساتھ میں سیاسی وسماجی سرگرمیوں میں بھی ہمیشہ مصروف رہا ہوں۔ جب ۱۹۶۸ء میں ناگپور میں زبردست فساد ہوا تو میں نے ریلیف کے کاموں میں نمایاں حصہ لیاجس کی وجہ سے مجھ کو بے انتہا عوامی مقبولیت ملی۔ اس کے صلے میں ۱۹۶۹ء میں ناگپورمیونسپل کارپوریشن کے انتخاب میں مومن پورہ حلقہ (وارڈ نمبر۴۹) سے وارڈ ممبر منتخب کیا گیا۔ میں نے یہ الیکشن زبردست ووٹوں سے جیتا تھا۔ اسی سیاسی عروج کے زمانے میں ۱۹۷۲ء میں ڈاکٹر ذاکر حسین ڈی ایڈ کالج کی بنیاد ڈالی۔ اس سے مسلم طالبات کوزبردست فائدہ ہو رہا ہے۔ میں آج بھی اس تعلیمی ادارے کا صدر ہوں۔ اسی طرح مجیدیہ گرلس ہائی سکول اینڈ جونیئر کالج (مومن پورہ) کا بھی صدر ہوں۔ اس سکول کا قیام ۱۹۶۳ء میں عمل میں آیا ہے۔ ان کے علاوہ میں ۱۹۶۲ء سے ۱۹۶۷ء تک محمد علی سرائے کا جوائنٹ سکریٹری اورمدرسہ یعقوبیہ مومن پورہ کا کئی سال تک سکریٹری رہا ہوں۔
سیاسی وسماجی خدمات کے دوران مجھ کو جو تجربے اور مشاہدے ہوئے وہی میری فکر کا محور قرار پائے۔ میری مزاحیہ شاعری بھی جسے میں منھ پھٹ ناگپوری کا تخلص اختیار کر کے کرتا ہوں اسی کا نتیجہ ہے۔
میری تعلیم دسویں جماعت سے آگے نہ ج سکی۔ میں نے ابتدائی تعلیم بیت العلوم مومن پورہ اور ثانوی تعلیم انجمن ہائی سکول صدرسے حاصل کی۔ میرے جوہروں کو بزرگوں کی صحبت نے نمایاں کیا۔ بفضلِ تعالیٰ انگریزی، اردو، ہندی اورفارسی پر بخوبی گرفت ہے۔ میرے دل میں جو جذبات ہیں وہ بھی بزرگوں کی صحبت میں رہنے سے پیدا ہوئے ہیں۔سچائی یہی ہے کہ بزرگوں کے سائے میں رہ کر انسان جو کچھ سیکھتا ہے وہ بہت کارآمد ہوتا ہے۔ نوجوانوں سے میری گزارش ہے کہ وہ بزرگوں کی صحبت میں رہ کر اکتسابِ فیض کریں تاکہ مستقبل روشن ہو  سکے۔
 


نگاہ








سازؔ فکر جمیل کے صدقے
اپنا ہر شعر لاجواب ہوا
 

غزلیں
بسم اللہ الرحمن الرحیم


مفہوم کو الفاظ سے جوڑا کس نے
دھرتی کی کہانی کو جھنجھوڑا کس نے
آکاش پہ ناہید کے نغمے جاگے
ظلمات کے سناٹے کو توڑا کس نے
ذہنوں میں جما تھا جو لہو برسوں سے
حدّت کو فزوں کر کے نچوڑا کس نے
کہسار کو انسان نے تسخیر کیا
ایجاد کیا ایسا ہتھوڑا کس نے
اے سازؔ گہر جو تھا صدف میں پنہاں
گہرائی میں جا کر اسے توڑا کس نے

 




ہمت سے بڑھا اپنا قدم سوئے محمد ﷺ
کچھ دور نہیں، دور نہیں کوئے محمد ﷺ
دنیا کو مبارک ہو مہہ و مہر کے جلوے
آنکھوں میں بسا لایا ہوں میں روئے محمد ﷺ
یہ روضۂ اقدس کی زیارت کا اثر ہے
ہر سانس میں آتی ہے مجھے بوئے محمد ﷺ
محشر کی تمازت کا مجھے خوف ہو کیوں آ خر
ہے سر پہ مرے سایۂ گیسوئے محمد ﷺ
اس سے ہی تری روح کو ت سکین ملے گی
اے سازؔ رکھو اپنی نظر سوئے محمد ﷺ

 



کتنی حسیں ہے خون اگلتی ہوئی غزل
حاکم کے جبر و قہر میں ڈھلتی ہوئی غزل
شر، آگ، گولیوں کی صدا، رقصِ اہرمن
اور ان کے درمیان مچلتی ہوئی غزل
سارے ستمگروں کو نشانہ بنائے گی
افکار کی کماں سے نکلتی ہوئی غزل
مقتل تک آئی حلقۂ زلفِ دراز سے
دنیا کے ساتھ ساتھ بدلتی ہوئی غزل
اک انفرادی شان، نرالی ادا کے ساتھ
کانٹوں کے بیچ پھولتی پھلتی ہوئی غزل
اپنا اثر دکھائے گی اے سازؔ ایک دن
آغوشِ انقلاب میں پلتی ہوئی غزل

 



شادابیِ چمن پہ غزل لکھ رہے ہیں ہم
پھولوں کے پیرہن پہ غزل لکھ رہے ہیں ہم
احباب چاہتے ہیں شگفتہ بیانیاں
ماحول کے گھٹن پہ غزل لکھ رہے ہیں ہم
اپنے سخن کی دھوپ سے روشن ہے بام و در
سورج کی ہر کرن پہ غزل لکھ رہے ہیں ہم
آئینہ ہو رہی ہیں غزل کی صداقتیں
ہر دور کے چلن پہ غزل لکھ رہے ہیں ہم
تارے پرو پرو کے ہر اک لفظ لفظ میں
اک جانِ انجمن پہ غزل لکھ رہے ہیں ہم
شاخِ حنا قلم ہے، سیاہی ہے خونِ دل
اک شوخ گلبدن پہ غزل لکھ رہے ہیں ہم
قسمت سے سازؔ خاک نشینی ملی ہمیں
گرچہ کمالِ فن پہ غزل لکھ رہے ہیں ہم

 



عذابِ جاں ہے مسرت، ہوس ہے نادانی
ہمارے خوں کا تمناؤں نے کیا پانی
بدن پہ اپنے لباسِ یہود و نصرانی
اُتار پھینک چلے ہم عبائے رحمانی
بلا سے پیاس کی شدت ہو جان کی دشمن
جو اہلِ ظرف ہیں وہ مانگتے نہیں پانی
سزا یہ ہے کہ ہمارا کہیں وقار نہیں
خطا یہ ہے کہ بھلایا شعارِ قرآنی
تھا لاجواب جہاں میں کبھی ہمارا کمال
اور ان دنوں ہے ہمارا زوال لاثانی
ہزار دامنِ دل کھینچتی رہے دنیا
نظر میں گورِ غریباں کی رکھئے ویرانی
عجیب تر ہے طریقِ حیات سازؔ اپنا
نہ ہم میں طرزِ فقیری، نہ شانِ سلطانی

 



اخلاق کے داعی ہم، وحدت کے پیامی ہم
اس عالم فانی میں ہیں نقشِ دوامی ہم
دنیا کا کوئی گوشہ خوبی سے نہیں خالی
کیوں ڈھونڈتے پھرتے ہیں ہر چیز میں خامی ہم
اِک یہ بھی زمانہ ہے ہم جڑ ہیں فسادوں کی
اِک دور کہ دنیا میں تھے امن کے حامی ہم
بھارت ہے وطن اپنا، بھارت ہے چمن اپنا
مصری ہیں نہ سوڈانی، عربی ہیں نہ شامی ہم
شیرازۂ ملت کو بکھرا ہوا پاتا ہوں
اے سازؔ نہ ہو جائیں مرہونِ غلامی ہم

 


مجھے یہ تاب دے پروردگار تو اب کے
نچوڑنا ہے رگِ سنگ سے لہو اب کے
ٹٹولتے ہیں ٹٹولیں وہ چاند کی نبضیں
ہمیں تو کرنی ہے خود اپنی جستجو اب کے
ہمارے گھر کے در و بام جگمگائیں گے
سنا ہے آئے گا وہ جانِ آرزو اب کے
بہار آئی، سجے لاکھ محفلِ صہبا
گزارنی ہے ہر اک شام بے سبو اب کے
مجھے ہے شوق بیاباں کی خاک اڑانے کا
تو ہی سنبھال یہ دنیائے رنگ و بو اب کے
چلو کہ سازؔ بلاتی ہے سر زمینِ حجاز
خدائے پاک کے گھر میں کرو وضو اب کے


 




پیش کر سکتا نہیں کوئی حسابِ زندگی
عیش و عشرت میں گنوا بیٹھے شبابِ زندگی
ہر کمالے را زوال و ہر زوالے را کمال
اوج پر کب تک رہے گا آفتابِ زندگی
عمر نادانی میں گزری، ہوش بھی آیا تو کب
جب الٹ دی موت نے آ کر نقابِ زندگی
کام آئے گا نئی نسلوں کو جینے کے لیے
ہم اگر ترتیب دے لیں کچھ نصابِ زندگی
چار دن کی زندگی کا سحر، لیکن کب تلک
کون ہوتا ہے حریفِ کامیابِ زندگی
سانس کے تاروں کی لرزش پر نظر اے سازؔ رکھ
لمحہ لمحہ نغمہ پرور ہے ربابِ زندگی

 


آشفتگی شعر و ادب اور ہی کچھ ہے
اس شوخ سے ملنے کا سبب اور ہی کچھ ہے
پہلے بھی تو ہم چاندنی راتوں میں ملے ہیں
اس بار مگر چاندنی شب اور ہی کچھ ہے
وہ جانی سی پہچانی سی محسوس ہوئی تھی
پوچھا تو لگا نام و نسب اور ہی کچھ ہے
آغازِ شبِ عیش کا عالم ہی عجب تھا
ہاں! تیرا نشہ آخرِ شب اور ہی کچھ ہے
اعزاز بدل دیتا ہے انسان کی فطرت
اب اس کا چلن اور ہے ڈھب اور ہی کچھ ہے
کل تک تو رہی سجدہ و تسبیح سے دوری
اب جان گیا مرضیِ رب اور ہی کچھ ہے
قرب اس کا ملا، ہوش سے بے گانہ ہوئے ہم
اے سازؔ مرا حال کہ اب اور ہی کچھ ہے

 



سبھی کو پال رہی ہے مہان کتنی ہے
ہمارے دیش کی مٹی میں جان کتنی ہے
تو ایک موج کے آگے ٹھہر نہیں  سکتی
زمین یوں تو تری آن بان کتنی ہے
جو بات کہتا ہے، وہ بات ہوکے رہتی ہے
مرے حریف کی کالی زبان کتنی ہے
وہ کون تھا جو تجھے روند کر گیا آگے
تری بلندی بتا آسمان کتنی ہے
یہ زندگی ہے سفر صرف چند سانسوں کا
طویل اس کی مگر داستان کتنی ہے
یہ دوستی تو دکھاوا ہے اک سیاست کا
دراڑ تیرے مرے درمیان کتنی ہے
بلندیوں پہ پہنچنا نہیں محال اے سازؔ
جو حوصلہ ہو تو دل میں اٹھان کتنی ہے

 



عروج پا کے سمٹتا ہوا نظر آیا
میں اپنے والوں سے کٹتا ہوا نظر آیا
مرے خلوص کا ادنا کمال یہ بھی ہے
ہر ایک شخص لپٹتا ہوا نظر آیا
ڈبو دیا تھا کبھی جس میں قلبِ مضطر کو
وہ رنگ آج اچٹتا ہوا نظر آیا
وہ سایہ بن کے مِرے ساتھ ساتھ رہتا تھا
بڑھا اندھیرا تو ہٹتا ہوا نظر آیا
تری ہی یاد میں کھویا رہا جہاں بھی رہا
ترے ہی نام کو رٹتا ہوا نظر آیا
ذرا سی دیر میں اے سازؔ بہہ گئی بستی
بس آسمان سا پھٹتا ہوا نظر آیا

 



میری آنکھوں میں اُجالوں کو بسا دیتا ہے
آپ کے خط کا ہر اک لفظ ضیا دیتا ہے
میں تو ہوں راہ کا پتھر مری اوقات ہی کیا
وہ تو چٹانوں کو ٹھوکر سے اڑا دیتا ہے
کل کے قصے نہ سنا آج حقیقت ہے یہی
کون دنیا میں وفاؤں کا صلہ دیتا ہے
عشق وہ چیز ہے واعظ تجھے معلوم نہیں
ہوش مندوں کو یہ دیوانہ بنا دیتا ہے
سب ہی ہمدرد ہیں میرے تو بھلا کون ہے وہ
ان بلاؤں کو مرے گھر کا پتا دیتا ہے
میں کسی کشف و کرامت کا نہیں ہوں قائل
خود مرا فن مری توقیر بڑھا دیتا ہے
سازؔ اِک ایسے مسیحا سے پڑا ہے پالا
جو دوا دیتا ہے مجھ کو نہ دُعا دیتا ہے
 


آدمیت کہ بے نوا ہے بہت
ہر طرف شورِ ارتقا ہے بہت
عقل کی مشعلیں فروزاں کر
چاند بے نور ہو گیا ہے بہت
رات دن کی نیاز مندی سے
صرف اک حرفِ التجا ہے بہت
سوچ، انجامِ گریہ کو غنچے!
مسکرانے کا حوصلہ ہے بہت
تیرے کوچے سے دل کو نسبت ہے
ورنہ دنیا میں راستا ہے بہت
عہدِ ماضی کا تذکرہ نہ کرو
صاحبو! دل مرا دکھا ہے بہت
سازؔ ہم سے فقیر لوگوں کو
اک قبا ایک بوریا ہے بہت

 


گھٹا برسی، زمیں تر ہو گئی ہے
ندی آپے سے باہر ہو گئی ہے
کلیجہ چھلنی چھلنی ہے زمیں کا
کرن سورج کی نشتر ہو گئی ہے
ہر اک آئینہ گرد آلود ہے آج
فضا کتنی مکدر ہو گئی ہے
ہماری زندگی اس عہدِ نو میں
کسی مفلس کی چادر ہو گئی ہے
گہر زخموں کے، موتی آنسوؤں کے
محبت بھی تونگر ہو گئی ہے
یکایک یاد جاگی، درد چمکا
فضا دل کی منور ہو گئی ہے
نہ جانے سازؔ وہ کس حال میں ہیں
طبیعت اپنی مضطر ہو گئی ہے

 


دامن آرزو تہی پایا
ہاتھ اپنا بڑھا کے پچھتایا
آئینہ لے کے جب کوئی آیا
مجھ سے میرا ہی عکس شرمایا
ہوسِ سیم و زر ہے روح کا روگ
دے مجھے عافیت کا سرمایا
کس سے بتلائیں، آ کے دنیا میں
ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا
ہم کو اس ہم نفس سے ملوا دو
شہر تک جو ہمارے ساتھ آیا
بازوؤں میں جکڑ کے سازؔ ہمیں
آسماں پر ہوا نے پہنچایا

 


آج ہر پل جمالیاتی ہے
کیسے عالم میں نیند آتی ہے
غزنوی ہو چکی نگاہ مگر
دل ابھی اپنا سومناتی ہے
انگلیوں میں ہے اس کی چاند کا نور
خط کی تحریر جگمگاتی ہے
تم مرے پاس ہو کہیں بھی رہو
زندگی دائرے بناتی ہے
گھر مجھے قید کر نہیں  سکتا
میری ہر سوچ کائناتی ہے
اک قلم سے کٹے سرِ ظالم
اک صدا انقلاب لاتی ہے
سازؔ خوشیاں ہیں چند لمحوں کی
اور غم عمر بھر کا ساتھی ہے



تیری قربت سے ہوا لالہ جبیں موسم گل
اس سے پہلے تو نہ تھا اتنا حسیں موسم گل
کہیں ہوتا ہے دھنک رنگ سا منظر منظر
دھار لیتا ہے ترا روپ کہیں موسم گل
تجھ میں خوشبو بھی ہے رنگت بھی ہے رعنائی بھی
تجھ سے بڑھ کر کوئی محبوب نہیں موسم گل
ایک دھندلا سا گماں ایک اچٹتا سا خیال
میرے حصے میں نہیں حسنِ یقیں موسم گل
اس تعلق کو میں کس نام سے منسوب کروں
تو مرے دل کے قریں، تیرے قریں موسم گل
وہ کسی پیکر پُر حسن کا پرتو تو نہیں
سازؔ کہتے ہیں جسے اہلِ زمیں موسمِ گل

 

اشارے ان کی چشمِ کیف زا کے
پیالے رہ گئے گردش میں آ کے
مآلِ خندۂ گل پر نظر کر
ارے او ہنسنے والے کھلکھلا کے!
ٹھہر جاتی ہے سچائی جہاں بھی
نکل آتے ہیں رستے کربلا کے
نہ جانے آپ کیسے یاد آئے
بہت ہم مطمئن تھے خود کو پا کے
اسے ظالم ستمگر کون سمجھے
کہ وہ ملتا ہے سب سے مسکرا کے
صدائے پا نہ آوازِ جرس ہے
مسافر کیا ہوئے دشتِ بلا کے
بری ہے سازؔ ژولیدہ خیالی
الجھ جاتے ہیں بازو ارتقا کے

 


ابھی جو خوش گماں ہیں ارتقا سے
وہی چونکیں گے کل اپنی صدا سے
سرابوں کی ڈگر پر چلنے والے
رہے تا زندگی پیاسے کے پیاسے
نشانِ منزل مقصد ملے گا
زمانے کو ہمارے نقشِ پا سے
سمندر کا بدن چھوکر اٹھی ہے
گھٹا ساون کی متوالی ادا سے
مدارِ جاں سوالِ وصل ٹھہرا
جواباً بس زبانی دم دلا سے
مری نیندوں کو دامن سے تعلق
ترے دامن کا رشتہ ہے ہوا سے
بچھا کر سازؔ تاروں کی ردائیں
نکل آئے اداسی کی فضا سے

 


ڈبونے والی ہے اک موجِ بے ثبات مجھے
بچا  سکو تو بچا لو بڑھا کے ہات مجھے
تمہیں خوشی کی تمنا تھی، سو ملی تم کو
خدا نے بخشی متاعِ غمِ حیات مجھے
تھپیڑے میرا مقدر، میں سنگِ ساحل ہوں
بہا  سکے گا نہ سیلِ تفکرات مجھے
اب احتیاط ضروری ہے اے خرد مندی
سمجھ رہا ہے زمانہ جنوں صفات مجھے
ہے زخم زخم بدن اور جی رہا ہوں میں
رہیں گے یاد عزیزوں کے التفات مجھے
مرے حبیب سمجھتے ہیں آب و گل کا مزاج
سپردِ خاک کیا آنسوؤں کے سات مجھے
ملو تو سازؔ خلوص اور سادگی سے ملو
نہیں پسند یہ بے جا تکلفات مجھے

 


ویوستھائیں یہاں ڈھیلی بہت ہیں
چتا کی لکڑیاں گیلی بہت ہیں
ہمارے ساتھ چلنے کی نہ سوچو
ہماری راہیں پتھریلی بہت ہیں
کہاں سے آئے گی کمروں میں گرمی
مکانوں کی چھتیں گیلی بہت ہیں
میں کیسے ان کو کاغذ پر اتاروں
تری تصویریں شرمیلی بہت ہیں
ہے ان سے جانے کیوں ملنے کی خواہش
نگاہیں جن کی نوکیلی بہت ہیں
بدن کو گرم رکھنا چاہتا ہوں
یہاں کی راتیں برفیلی بہت ہیں
تمہیں اے سازؔ شاعر کیسے سمجھیں
تمہاری نظمیں تمثیلی بہت ہیں
 


مجھ کو فکریں جگاتی رہیں رات بھر
دن کا منظر دکھاتی رہیں رات بھر
قرب ان کا عذابِ مسلسل بنا
خواہشیں گدگداتی رہیں رات بھر
شمع جلتی رہی اپنی ہی آگ میں
محفلیں جگمگاتی رہیں رات بھر
اپنا آنچل کسی نے بڑھایا نہیں
آنکھیں موتی لٹائی رہیں رات بھر
آسمانوں سے شبنم برستی رہی
اور کلیاں نہاتی رہیں رات بھر
میں خود اپنا بدن اوڑھ کر سوگیا
ان کی باہیں بلاتی رہیں رات بھر
سازؔ ماضی سے ان کا تعلق نہ ہو
وہ صدائیں جو آتی رہیں رات بھر

 



ڈس نہ لے ہوا کوئی بدگمانیوں والی
زہر سے بھی قاتل ہے رت جوانیوں والی
ہاتھ کیسے آئیں گی وہ بھلا کناروں پر
مچھلیاں جو ہوتی ہیں گہرے پانیوں والی
آج میرے کمرے کو رشکِ گلستاں کر دو
پھر گھڑی نہ آئے گی گل فشانیوں والی
اک مقام پر کیسے عافیت سے دم لیتے
ہم نے زندگی پائی سرگرانیوں والی
ان کے دل کا آئینہ صاف تھا کدورت سے
نسل کتنی پیاری تھی وہ کہانیوں والی
ایسی زندگی سے تو سازؔ موت بہتر ہے
چند سانسیں اور وہ بھی مہربانیوں والی

 


سہانی شام جب انگڑائی لے کر کسمساتی ہے
غزل بن کر وہ میری فکر کی چوکھٹ پہ آتی ہے
اجالے بھی نکھرتے ہیں، دھندلکے بھی سنورتے ہیں
وہ جب آنچل اٹھاتی ہے وہ جب آنچل گراتی ہے
تری مٹھی میں تارے ہیں، مری مٹھی میں جگنو ہیں
تو اب یہ دیکھنا ہے کس سے محفل جگمگاتی ہے
کبھی آہیں، کبھی نالے، کبھی ٹیسیں، کبھی آنسو
ہزاروں قافلوں کے ساتھ تیری یاد آتی ہے
الگ یہ بات کہ میں ہنس نہیں پایا ہوں برسوں سے
مری تقدیر لیکن مجھ پہ اکثر مسکراتی ہے
کوئی آئے گا آ کر زندگی میں رنگ بھر دے گا
یہی امید ہر انسان کو جینا  سکھاتی ہے
میں ان کی یاد کو اے سازؔ کیسے بھول  سکتا ہوں
یہی تو اس بھری دنیا میں تنہا میری ساتھی ہے

 



تمام شہر کے لوگوں کو مت اکٹھا کر
میں ہوں فقیر، ملاقات مجھ سے تنہا کر
مرے شعور کی تابندگی کو اپنا کر
جو ہو  سکے تو نئے صبح و شام پیدا کر
تمام عمر نکلنے کی کوئی راہ نہیں
چلا گیا وہ مجھے دائروں میں الجھا کر
مرے بزرگوں نے دنیا کی کلفتوں کو چنا
نشاط و عشرتِ بزمِ جہاں کو ٹھکرا کر
انہیں سمٹتی ہوئی زندگی کا علم نہیں
بڑے گھروں میں جو سوتے ہیں پاؤں پھیلا کر
میں اپنے عہد سے آنکھیں چرا نہیں  سکتا
تری یہ ضد کہ فقط میری سمت دیکھا کر
جہاں میں بھوک سے کوئی نہیں عظیم اے سازؔ
خدا کو بھول گئے لوگ روٹیاں پاکر
 


مہکے زخم اپنے نسترن کی طرح
دل کا آنگن ہوا چمن کی طرح
ان کے نازک لبوں پہ آئی ہنسی
صبح کی اولیں کرن کی طرح
صبح چمکی برنگِ روئے حسیں
رات سمٹی ترے بدن کی طرح
اک جوالا مکھی ہے ذہنِ تپاں
دل بھی گردش میں ہے گگن کی طرح
ہے خرد کا بھی تار تار لباس
اپنے بوسیدہ پیرہن کی طرح
سازؔ شکوہ ہے اہلِ فن سے مجھے
فن کو برتا گیا نہ فن کی طرح

 



نظر میں جلوے ہی جلوے سمیٹ لائے ہیں
ہم آج زہرہ جبینوں سے مل کے آئے ہیں
انہیں نمودِ سحر کا پیام بر کہئے
شبِ ستم میں بھی جو لوگ مسکرائے ہیں
زہے نصیب کہ لالہ رخوں کی محفل سے
ہم اپنے سینے میں کچھ پھول چن کے لائے ہیں
جلا کے دل کا لہو ہم نے روشنی کی ہے
چراغِ دیر و حرم جب بھی جھلملائے ہیں
بساط یہ ہے کہ بس ایک مشتِ خاک ہیں ہم
کمال یہ ہے کہ کون و مکاں پہ چھائے ہیں
کرم تو کیا کہ ستم بھی کوئی نہیں کرتا
یہ کیا نصیب نے اے سازؔ دن دکھائے ہیں

 


قدم زمیں پہ جما کے چلو تو بات بنے
پھر اپنے سر کو اُٹھا کے چلو تو بات بنے
کسی پہ حال نہ افشا کرو محبت کا
تم اپنے زخم چھپا کے چلو تو بات بنے
تجلیوں سے ہیں محروم تک کئی گوشے
وہاں بھی دیپ جلا کے چلو تو بات بنے
بنی بنائی ڈگر پر چلے تو خاک چلے
خود اپنی راہ بنا کے چلو تو بات بنے
سیاہ رات بہت ہے یہاں کدورت کی
دلوں میں پیار جگا کے چلو تو بات بنے
کھلے بدن کی نمائش کا بڑھ گیا ہے رواج
نظر کو اپنی جھکا کے چلو تو بات بنے
جلیل سازؔ سا کوئی بھی با وفا نہ ملا
یہ بات سب کو سجھا کے چلو تو بات بنے
 


لوگ جینے کے لیے آتے ہیں مر جاتے ہیں
اور مر کر بھی خدا جانے کدھر جاتے ہیں
کس طرح کیجئے ترتیب کتابِ ہستی
جب ہوا چلتی ہے اوراق بکھر جاتے ہیں
آپ کی سرخیِ لب شوق کا عنوانِ جلی
آپ کی ذات سے افکار سنور جاتے ہیں
کر دیا خوف زدہ اتنا گرانی نے ہمیں
گھر میں آئے ہوئے مہمان سے ڈر جاتے ہیں
اس خجالت کی وجہ ان سے کبھی پوچھیں گے
سر جھکائے ہوئے مسجد سے جو گھر جاتے ہیں
شب تنہائی میں اٹھتا ہے دھواں جب دل سے
کچھ ستارے مری پلکوں پہ ٹھہر جاتے ہیں
یاد رہ جاتے ہیں اے سازؔ سلوکِ احباب
وقت کے ساتھ سبھی زخم تو بھر جاتے ہیں
 

 اشک اب آنکھوں کو تر رکھتا نہیں
کیسا دریا ہے، گہر رکھتا نہیں
دوسروں کی جستجو شام و سحر
آدمی خود کی خبر رکھتا نہیں
ہیں جہانگیری کی خواہش میں سبھی
اب کوئی نیزے پہ سر رکھتا نہیں
جو ہلا دیتا تھا زنجیرِ فلک
اب وہی نالہ اثر رکھتا نہیں
آج کی آسائشوں میں مست ہوں
کل کی کروٹ پر نظر رکھتا نہیں
اپنے منصوبوں کا بنیادی قدم
عقل کے معیار پر رکھتا نہیں
سازؔ ادھورا رہ گیا ہے آدمی
علم رکھتا ہے ہنر رکھتا نہیں

 


نہیں ہے کوئی آخر دم تک ساتھ نبھانے والا
جتنی دیر دیا جلتا ہے اتنی دیر اُجالا
ہم نے بھی دنیا سے سیکھا یارو بچ کر چلنا
ہم مشرب کو ساتھ میں رکھا کم ظرفوں کو ٹالا
سادھو گیانی شکشک نیتا پاکھنڈی سب لوگ
مالک کیسے مکاروں سے پڑ گیا اپنا پالا
اپنی کرتوتوں کا جلوہ دیکھ رہی ہے دنیا
پہلے کی راتیں کالی تھیں اور اب کا دن کالا
ارتھ نکالے چاہے کچھ بھی ان کا ودیاوان
ہم نے جو کچھ آنکھوں دیکھا سازؔ غزل میں ڈھالا



 


ہوئی فکر رسا تر و تازہ
آ رہی ہے ہوا تر و تازہ
شہر میں ہر طرف دھواں ہی دھواں
میکدے کی فضا تر و تازہ
دور ہی سے سہی کوئی جلوہ
دل کش و خوشنما، تر و تازہ
زلف کھولے ہوئے وہ بیٹھے ہیں
اب اٹھے گی گھٹا تر و تازہ
میری تطہیرِ چشم و دل کا سبب
روپ یہ آپ کا تر و تازہ
چلی پروائی سازؔ یادوں کی
زخم دل کا ہوا تر و تازہ
 


گھٹا جھومے، سمندر جاگ جائے
کسانوں کا مقدر جاگ جائے
نگاہِ شوق کجلائی ہوئی ہے
کوئی البیلا منظر جاگ جائے
نشہ غالب ہے اس پر جانے کیسا
اگر لگ جائے ٹھوکر جاگ جائے
کنارے کشتیاں آ کر رُکی ہیں
خبر کر دو کہ لشکر جاگ جائے
ترے نقشِ قدم کو چومتا ہوں
مرا شاید مقدر جاگ جائے
قرارِ جاں کا حاصل ہے جو پہلو
اسی پہلو پہ محشر جاگ جائے
صدا بستی میں کب سے دے رہے ہیں
کوئی تو بندہ پرور جاگ جائے

 


وہی افکارِ فرسودہ، وہی بے سود تدبیریں
ہماری کس طرح آخر بدل  سکتی ہیں تقدیریں
نئے قرطاس، روشن حرف، ہوں رنگیں تصویریں
پڑھے گا کون خستہ کاغذوں کی خشک تحریریں
اندھیرے راستے میں جس کو روشن کر گیا کوئی
نچھاور اس دیے کی روشنی پر ساری تنویریں
سیاست آج کی ظرفِ نظر سے منحرف نکلی
نہ عظمت اہلِ دانش کی، نہ اہلِ فن کی توقیریں
جمالِ آگہی، سوزِ یقیں، عزمِ جہانگیری
خدا نے چھین لیں کس جرم میں ہم سے یہ جاگیریں
جنہیں احساس اپنی کمتری کا ڈستا رہتا ہے
وہی گنواتے رہتے ہیں زمانے بھر کی تقصیریں
ہمارے عہد کے رہبر کا سازؔ اللہ حافظ ہے
مسیحا خود اگر بیمار ہو تو کیسی تدبیریں
 


بفضل ایزدی وہ راہبر ہیں
لہو میں آستینیں جن کی تر ہیں
ہوا کے ساتھ اُڑ جاتے ہیں اکثر
ہمارے جھونپڑوں کی چھت میں پر ہیں
کہیں کا بھی نہ رکھا اس بھرم نے
کہ ہم سارے جہاں سے باخبر ہیں
ہمارا شہر بھی ہے شہرِ کوفہ
حسینی قافلے والے کدھر ہیں
نہ جس کی کوئی منزل ہے نہ مقصد
ہم ایسے قافلے کے راہبر ہیں
جنونِ دشت پیمائی تو دیکھو
اندھیری شب میں سرگرمِ سفر ہیں
ذرا بچ بچ کے چلئے سازؔ صاحب
ارادے دوستوں کے پُر خطر ہیں

 


جلوہ گہہِ صنم نہ دیارِ حبیب سے
ملتے ہیں انقلاب کے رستے صلیب سے
جس غم سے سوزوسازِ محبت کو ربط ہے
وہ غم انہیں ملا ہے ہمارے نصیب سے
لوگوں نے سن لیا ہے اسے دور دور تک
آواز دینے والے نے دی ہے قریب سے
خود ہم نے اپنے طرزِ وفا کو بدل دیا
انداز دوستوں کے جو دیکھے عجیب سے
نیت پہ اعتبار نہیں شہریار کی
ہمدردیاں جتا تو رہا ہے غریب سے
مل جائے راستے میں تو ہنستے ہوئے ملو
بسی اتنی رسم و راہ بہت ہے رقیب سے
یہ بات سچ ہے دی نہ اسے درد کی خبر
اے سازؔ دوستی تو رہی ہے طبیب سے

 


جاگا نصیبِ فکر، تخیل جواں ہوا
تم آ گئے تو میرا قلم گلفشاں ہوا
رسوائے روزگارِ محبت تھے اور بھی
میرا ہی نام زینتِ ہر داستاں ہوا
کچھ دیر تو ہواؤں میں خوشبو بکھیر دی
ڈالی سے گرچہ پھول گرا بے نشاں ہوا
اب کیوں نہ منہ چھپائے ستم کی سیاہیاں
میرا لہو زمیں پہ گرا کہکشاں ہوا
قطرے کی آبرو ہی بھلا کیا تھی دہر میں
دریا سے رشتہ جوڑ لیا بیکراں ہوا
اپنی رسائی، اپنا پہنچنا محال ہے
گویا ترا مکاں نہ ہوا آسماں ہوا
ہوں پھول نغمہ ریز، کلی مسکرا  سکے
اے سازؔ میرے بعد وہ موسم کہاں ہوا
 


ہر ایک آنکھ میں نفرت ہے، کس سے چاہ ملے
سلگ رہی ہیں دشائیں، کہاں پناہ ملے
سب اپنے اپنے مفادات کے محافظ ہیں
یہ حال ہے تو کہاں کوئی خیرخواہ ملے
میں اس مقام سے دامن بچا کے گزرا ہوں
قدم قدم پہ جہاں دعوتِ گناہ ملے
کبھی کہیں تو ہمیں یاد کر لیا ہوتا
حضور! تم سے زمانہ ہوا، نگاہ ملے
نظر نہ آئے خزانوں کے پہرے دار کہیں
خزانے لوٹنے والے ہمیں سپاہ ملے
اب ایسے لوگوں سے امید کیا رکھیں کہ جہاں
ہوس پرستوں کو اے سازؔ تخت و جاہ ملے

 


یہ بھی ہوا کہ دل کو وہی زخم دے گئے
جن کے لیے بہار کے نغمے لکھے گئے
اسلاف ایک تاج بنا کر چلے گئے
وارث کو التفات میں کاسے دئیے گئے
شام و سحر ہیں جن کے تصور سے لرزہ خیز
اکثر مرے قریب سے وہ حادثے گئے
سانسوں پہ انحصارِ نظامِ حیات ہے
سانسیں گئیں تو جانئے سب مسئلے گئے
لیتے ہیں لوگ آج حقارت سے اُن کے نام
کل جن کے محفلوں میں قصیدے پڑھے گئے
سوچا تھا اس زمیں پہ اتاریں گے سازؔ خلد
دنیا کے طور دیکھ کے سب حوصلے گئے

 


تلاوت چشم بینا کر رہی ہے
خودی کے راز افشا کر رہی ہے
نئی تہذیب کی آوارہ آندھی
سنا ہے رخ ادھر کا کر رہی ہے
تماشہ ہے تنک ظرفی بشر کی
بلا کا حشر برپا کر رہی ہے
ملی فردوس کی جس کو بشارت
وہی دنیا کا سودا کر رہی ہے
ہماری خامشی بھی، بے حسی بھی
ستم کا زور دگنا کر رہی ہے
میں ہوں امروز میں اور روح میری
طوافِ صبحِ فردا کر رہی ہے
جنوں کی خامشی ہے سازؔ بہتر
خرد بکواس کیا کیا کر رہی ہے
 



بجھتے رہے چراغ تو وہ دن بھی آئیں گے
اپنے لہو میں آپ اُجالے نہائیں گے
سودے جب ارتقا کے سروں میں سمائیں گے
پلکوں پہ آفتاب کی کرنیں بچھائیں گے
گاؤں میں دھول چاٹ رہی ہوں گی کھیتیاں
شہروں میں لوگ جشنِ بہاراں منائیں گے
طے کر لیا جنہوں نے کڑی دھوپ کا سفر
راتوں میں ان کے نقشِ قدم جگمگائیں گے
موہوم آسروں پہ بنائے مکاں نہ رکھ
تودے یہ ریت کے ہیں کبھی بیٹھ جائیں گے
اے سازؔ ان کی انجمنِ ناز کی قسم
کیا ہم کو یہ حسین مناظر رجھائیں گے

 


جنابِ شیخ توقیرِ ردا ہم سے نہیں ہو گی
کہ اب تعظیمِ دستار و قبا ہم سے نہیں ہو گی
ہنر خنجر چلانے کا ہمیں بھی خوب آتا ہے
مگر یہ جان لو کہ ابتدا ہم سے نہیں ہو گی
طریق اپنا جدا ہے دوستو اہلِ طریقت سے
دکھاوے کی عبادت اور دعا ہم سے نہیں ہو گی
ہماری جاں نثاری پر انہیں شک ہے تو ہونے دو
بس اتنا جان لو اس کی دوا ہم سے نہیں ہو گی
ہر اک سختی ہمیں منظور قید و بند کی لیکن
گوارا زحمتِ زنجیرِ پا ہم سے نہیں ہو گی
یہی اک فرق تو ہے ان کے اور اپنے مزاجوں میں
وفا ان سے نہیں ہو گی جفا ہم سے نہیں ہو گی
عبادت کے عوض آسائشِ فردوس حاصل ہو
کبھی اے سازؔ ایسی التجا ہم سے نہیں ہو گی
 


ہر نیا دن رنج کی سوغات لے کر آئے گا
خون میں ڈوبا ہوا گجرات لے کر آئے گا
یہ اندھیرے دور ہوں گے جب کوئی روشن ضمیر
جگنوؤں کا ایک لشکر سات لے کر آئے گا
کیا خوشی کیا شادمانی سب ہوئے خواب و خیال
اب تو ہر موسم نئے صدمات لے کر آئے گا
کتنے ماہ و سال کاٹے میں نے اس اک آس میں
کوئی ماضی کے حسین لمحات لے کر آئے گا
پھونک دے گا میرا بھائی میری ساری کائنات
مٹھیوں میں ایٹمی ذرات لے کر آئے گا
ہو چکا میرے بدن کا خون پانی ہو چکا
اب کوئی اعجاز ہی نغمات لے کر آئے گا
سازؔ ہے مجھ کو یقین، بیٹا مرا پردیس سے
خوب سارے سونا چاندی سات لے کر آئے گا

 


ساحل پہ گوارا ہمیں مرنا بھی نہیں ہے
ٹوٹی ہوئی کشتی سے اترنا بھی نہیں ہے
بیٹھے ہیں شب و روز تصور میں اسی کے
وہ راہ گزر جس سے گزرنا بھی نہیں ہے
لکھیں گے بہرحال حکایاتِ جنوں ہم
سچائی قلم میں ہے تو ڈرنا بھی نہیں ہے
احباب بھی اب تیز کئے بیٹھے ہیں ناخن
اب اپنے کسی زخم کو بھرنا بھی نہیں ہے
احسان مسافت میں کسی کا نہیں لیتے
دیوار کے سائے میں ٹھہرنا بھی نہیں ہے
ہر روز نئے پیچ، نئے خم کے اضافے
حالات کو شاید کہ سدھرنا بھی نہیں ہے
آئینے مبارک ہوں ہر اک زہرہ جبیں کو
ہم خاک نشینوں کو سنورنا بھی نہیں ہے

 


رئیس وقت کے آگے جو سر جھکا لیتے
ہم اپنے سینے پہ تمغے کئی لگا لیتے 
دعا کے ہاتھ اگر اپنا ہم اُٹھا لیتے
فسادیوں سے خود اپنا تو گھر بچا لیتے
مرض کی جھوٹی خبر اپنے خود چھپا لیتے
اسی بہانے تو اپنوں کو آزما لیتے
کسی کی بات سنی، دل لگی سے باز آئے
عجب نہیں تھا کہ ہم انگلیاں جلا لیتے
ہمارے دوست بڑوں کی خوشامدوں میں رہے
کبھی کبھی تو غریبوں کی بھی دعا لیتے
ملال سے تو کبھی دل کا غم غلط نہ ہوا
تم اپنی اپنی تباہی پہ مسکرا لیتے
قرارِ دل کیلئے سازؔ بس یہ نسخہ ہے
غزل ہماری اکیلے میں گنگنا لیتے
 


جائے تو کہاں جائے آخر ہم جیسا بشر سیدھا سادہ
ہر شخص ہمارے شہر میں ہے کردار کشی پر آمادہ
لپٹی ہیں بلائیں قدموں سے، ہے سامنا اپنا صدموں سے
رہبر کی نہیں ہے اس میں خطا، خود ہم نے چنا ہے یہ جادہ
مسدود ہدایت کی راہیں، بے نور ہوئیں دانش گاہیں
پھیلی ہیں گناہوں کی باہیں، دم توڑ چکی ہے مریادہ
آسائشِ دنیا کی خاطر، بن بیٹھا ریا کارو شاطر
وہ علم و ہنر کا شیدائی، وہ شعر و ادب کا دلدادہ
مسرور انا ہیں پستی میں، ہیں اہلِ طرب سرمستی میں
اے سازؔ ہماری بستی میں سستا ہے لہو مہنگا بادہ


 


جی رہا ہوں کہ جان باقی ہے
کیا کوئی امتحان باقی ہے
تیز موجوں میں بہہ گئی بستی
ہم سا اک نیم جان باقی ہے
میں ہوں اور تیرے نام کی برکت
ورنہ کس کا نشان باقی ہے
ان جیالوں کا تو ہی رکھوالا
جن کے منہ میں زبان باقی ہے
رات طے کر چکی سفر اپنا
اور مری داستان باقی ہے
موسم آتے ہیں اور جاتے ہیں
لے سلامت ہے تان باقی ہے
سازؔ اس شخص کو تلاش کرو
جس میں کچھ آن بان باقی ہے

 

قاتلوں کو شاباشی، مخلصوں کو رسوائی
ہم نے بھی زمانے کی دیکھ لی حریفائی
کچھ مزید زخموں کی، اب نہیں ہے گنجائش
آپ کو مبارک ہو آپ کی یہ سچائی
دو قدم ہی چلنے سے سانس پھول جاتی ہے
رہبری کا دعویٰ ہے اور اتنی پسپائی
ہم نے موتیاں چن کر لائیں گہرے پانی سے
ناپتی رہی دنیا ساحلوں کی گہرائی
اب تو یہ سمجھنا بھی دوستو ہوا مشکل
کون ہے مرا دشمن، کون ہے مرا بھائی
انجمن کی رونق سے دل اداس ہے میرا
لے لے مجھ کو باہوں میں اے صلیبِ تنہائی
سازؔ ہم نے کھائی تھی ٹھوکریں اُجالوں میں
گردشِ جہاں نے جب چھین لی تھی بینائی

 



دوستو! اس میں بھی کچھ مکر سیاست تو نہیں
ورنہ میں درخورِ الطاف و عنایت تو نہیں
محترم مانے گئے محتسب و مولانا
ان کی پیشانی پہ قرآں کی عبارت تو نہیں
میری تعریف میرے سامنے کرنے والے
تجھ کو درپردہ کوئی مجھ سے شکایت تو نہیں
یہ سیہ رات، یہ بے نور ستاروں کا ہجوم
اک نئی صبحِ درخشاں کی علامت تو نہیں
ایک ہنگامہ سا برپا ہے شبستانوں میں
میرا اظہارِ وفا سازؔ بغاوت تو نہیں
 



چھوٹے نیتاؤں سے رشتہ نہیں رکھا میں نے
شہر ہوں، گاؤں سے رشتہ نہیں رکھا میں نے
دھوپ کو اوڑھ کے چلنا مری فطرت ٹھہری
وقت کی چھاؤں سے رشتہ نہیں رکھا میں نے
یوں بھی میں ظلِ الٰہی کا مصاحب نہ رہا
اور آقاؤں سے رشتہ نہیں رکھا میں نے
میں نے پرواز کا شاہیں سے سلیقہ سیکھا
دوستو! پاؤں سے رشتہ نہیں رکھا میں نے
وہ جو کمزور ہے، بے بس ہے، مرا ساتھی ہے
سازؔ زردار سے رشتہ نہیں رکھا میں نے

 



کیوں سیاست کھیلتے ہو، دوستی کے نام پر
آؤ کچھ نزدیک آؤ، زندگی کے نام پر
آپ شاید بھولتے ہیں، مجھ کو لیکن یاد ہے
بستیاں پھونکی گئی ہیں روشنی کے نام پر
آدمی ہے آدمی، کوئی فرشتہ تو نہیں
انگلیاں اُٹھتی ہیں پھر کیوں آدمی کے نام پر
کتنے پھولوں کی جوانی، کتنی کلیوں کا شباب
تاجداروں نے نچوڑا مفلسی کے نام پر
کوئی اس عنواں پہ شاید سوچنے والا نہیں
بڑھ رہی ہے گمرہی دانشوری کے نام پر
کیا غضب ہے دوستو! بکنے لگی ہیں ڈگریاں
سازؔ ہندوستاں میں علم و آگہی کے نام پر
 



ہم بڑے شہروں میں رہتے ہیں، انا پرور ہیں ہم
تیغ ہیں چنگیز کی، جمشید کا ساغر ہیں ہم
اے فصیلوں کی بلندی پانے والے یاد رکھ
حاصلِ تعمیر ہیں بنیاد کے پتھر ہیں ہم
اب کسی بھی زاویے سے آپ چھپ  سکتے نہیں
سامنے آنا ہی کیوں تھا، آئینہ پیکر ہیں ہم
اہلِ زر کے سامنے دامن کو پھیلاتے نہیں
رند ہیں لیکن جنابِ شیخ سے بہتر ہیں ہم
ابتدائے عشق سے لے کر وصالِ یار تک
کوئی مانے یا نہ مانے ظلم کے خوگر ہیں ہم
بے وفائی کے اندھیرے ہیں افق سے تا افق
سازؔ ایسے دور میں بھی نیرِ خاور ہیں ہم

 


کوئی تقریب ہو، لاچاریاں ہیں
بڑے لوگوں سے رشتہ داریاں ہیں
ہماری کجکلاہی پر نہ جاؤ
ابھی ہم میں وہی خود داریاں ہیں
مروت، سادگی و وضعداری
یہ پچھلے عہد کی بیماریاں ہیں
کریدو میرے ماضی کو نہ یارو
دبی اس راکھ میں چنگاریاں ہیں
نہیں ہے آدمی کے بس میں کچھ بھی
تو پھر کا ہے کی خود مختاریاں ہیں
نکل آئی ہے کونپل ٹہنی ٹہنی
نیا موسم نئی تیاریاں ہیں
نہیں ہے مونسِ جاں سازؔ کوئی
دکھاوے کی فقط دلداریاں ہیں
 


وہ کون ہے، غریبوں سے جس کو لگاؤ ہے
اس دور میں ہر ایک کا دل گھاؤ گھاؤ ہے
طوفان آگیا تو سنبھلنے نہ پاؤ گے
یہ کائنات اصل میں کاغذ کی ناؤ ہے
لہرا رہی ہے دور کہیں مشعلوں کی لو
شاید ہمارے آگے بھی کوئی پڑاؤ ہے
خیمہ کی رسیوں پہ جمائے رہو نظر
اس سمت ہی زیادہ ہوا کا دباؤ ہے
اب اپنی اپنی فکر کریں رہروانِ شوق
ہم تھک گئے، ہمارا تو اب چل چلاؤ ہے
جس نے سنا، پسند کیا، مرحبا کہا
اے سازؔ اس غزل میں غضب کا رچاؤ ہے


 


اس قدر یورش ہے الزامات کی
جیسے ساون میں جھڑی برسات کی
گاؤں کی جانب نظر بھی کیجئے
دھوم ہے شہروں میں اصلاحات کی
تیرا میرا ساتھ پل دو پل کا ہے
تیری میری دوستی جذبات کی
دشمنوں کا ذکر جانے دیجئے
دوستوں نے ہم سے کیا کم گھات کی
سسکیاں، فریاد، آنسو، درد و غم
کیا کمی اپنے لئے سوغات کی
سازؔ رخصت ہو گئے ہوش و حواس
آ گئی شاید گھڑی سکرات کی

 


یہ رہبروں کے طور، یہ انداز شاہ کے
معنی بدل نہ جائیں سفید و سیاہ کے
جب سے محافظوں کے قدم ڈگمگا گئے
ہوش و حواس گم ہیں خود عالم پناہ کے
اب ان کا نام اور نشاں بھی نہیں کہیں
جو خواب دیکھتے تھے کبھی مہر و ماہ کے
کیا جانے کن ہواؤں میں تحلیل ہو گئے
پرچم اڑانے والے کبھی عزّ و جاہ کے
دل اور سوچتا ہے، نظر دیکھتی ہے اور
کیا خوب ہیں یہ فاصلے قلب و نگاہ کے
درپیش وہ سفر بھی ہے اب دوستو! جہاں
کچھ بھی نہ ہاتھ آئے گا جز گردِ راہ کے
رہتے ہیں زر پرست بڑے اضطراب میں
اے سازؔ اٹھنے والے ہیں پردے گناہ کے

 


واہ رے ظالم تری مکاریاں
اپنے مطلب کے لئے غم خواریاں
کوئی مفلس کا نہیں پرسانِ حال
اہلِ زر کے ساتھ ہیں دلداریاں
بندشِ آئین کے پابند ہم
اہلِ ثروت کو کھلی آزادیاں
جان کی دشمن بھی، سر کا بوجھ بھی
اونچی اونچی کرسیاں، سرداریاں
سچ کو سچ کہتے ہوئے ڈرتے ہیں لوگ
جھوٹ کی ہر طور پردہ داریاں
کیا قیامت ہے یہاں اہلِ نظر
چاہتے ہیں اب ملمع کاریاں
ہم کہاں تھے، کون جانے اُس گھڑی
سازؔ جب بانٹی گئیں سرشاریاں
 


سب کچھ ہو کر کچھ بھی نہیں ہے
ان کے بنا گھر کچھ بھی نہیں ہے
شہر میں سارے شور شرابے
شہر کے باہر کچھ بھی نہیں ہے
تم کو مبارک مسندِ شاہی
پیشِ قلندر کچھ بھی نہیں ہے
آندھی کی رفتار کے آگے
زورِ  سکندر کچھ بھی نہیں ہے
بس یہ کرم ہے تیرا مولا
سازؔ میں جوہر کچھ بھی نہیں ہے

 


بے سود اپنی جان گنوانے لگے ہیں لوگ
گہرے سمندروں میں نہانے لگے ہیں لوگ
جادوگری کہیں کہ اسے معجزہ کہیں
سورج ہتھیلیوں پہ اگانے لگے ہیں لوگ
سب نے سمجھ لیا ہے جہالت کو ارتقا
تحریف کو مثال بنانے لگے ہیں لوگ
بدصورتی چھپانے کا یہ بھی ہے اک ہنر
آئینہ دوسروں کو دکھانے لگے ہیں لوگ
لگتا ہے انقلاب کی آمد قریب ہے
بیداد گر کے ناز اٹھانے لگے ہیں لوگ
شہروں میں یہ بلند مکانوں کے سلسلے
مہنگائی کا مذاق اُڑانے لگے ہیں لوگ
اے سازؔ اس صدی کا المیہ ہے یہ بھی ایک
بونوں کو آسماں پہ بٹھانے لگے ہیں لوگ


 


حوالے کر کے بھی مقتول کو زمینوں کے
لہو چھپا نہ  سکے لوگ آستینوں کے
دنوں میں ہونے لگے کام سب مہینوں کے
ہمارے ہاتھ کٹے سامنے مشینوں کے
تھا ناز جن کو بہت اپنے ناخداؤں پر
ہوا نے پھیر دئیے رخ انہیں سفینوں کے
ہوا ہے پھر کوئی مشقِ ستم پہ آمادہ
ابھی تو زخم بھی سوکھے نہیں ہیں سینوں کے
عروج ملنا تھا اے سازؔ ہم کو مل کے رہا
ادب میں چل نہ  سکے داؤ نکتہ چینوں کے

 


درد کے مضبوط رشتے ٹوٹنے والے نہیں
عمر بھر ہم قیدِ غم سے چھوٹنے والے نہیں
خشک ہوتی جا رہی ہے آج کل دھرتی کی کوکھ
اب کسی پتھر سے جھرنے پھوٹنے والے نہیں
عشق میں بھی آج کل پہلی سی وہ گرمی کہاں
حسن کے انداز بھی اب لوٹنے والے نہیں
دوستو! میں بھی تمہارے ہی طرح انسان ہوں
میرے ماتھے سے اجالے پھوٹنے والے نہیں
سازؔ گھیرے ہے مجھے، پیہم سماجی مسئلے
لاکھ سمجھائے زمانہ چھوٹنے والے نہیں

 


تاریکیاں مٹانے کا امکاں لئے ہوئے
نکلو گھروں سے شمعِ فروزاں لئے ہوئے
میں نے بھرے شباب کی راتیں گزار دیں
آنکھوں میں ایک خوابِ پریشاں لئے ہوئے
دن رات جل رہا ہے بدن، تپ رہا ہے دل
آ جائے کوئی موسم باراں لئے ہوئے
ہر چند، تیز تر تھیں تشدد کی آندھیاں
بڑھتے رہے چراغِ دِل و جاں لئے ہوئے
ہیں سب کے لب فروغِ تبسم سے سرخ سرخ
جاؤں کہاں میں دیدۂ گریاں لئے ہوئے
کب سے عذابِ تیرہ شبی میں ہوں مبتلا
اک رشکِ ماہتاب کا ارماں لئے ہوئے
اے سازؔ ان فسانوں کی رنگینیاں نہ پوچھ
سرخی ہے جن کی خونِ شہیداں لئے ہوئے
 



جو دانشور تھے پاگل ہو چکے ہیں
خرد کے مسئلے حل ہو چکے ہیں
ملے فرصت تو ان کو دیکھ آؤ
جو منصوبے مکمل ہو چکے ہیں
گھروں کے آئینوں کو توڑ ڈالو
رُخ اپنے سوئے مقتل ہو چکے ہیں
گزر دشوار ہے اس میں کرن کا
دماغ اتنے مقفل ہو چکے ہیں
امانت دار کس دنیا سے لائیں
ہمارے بنک چنبل ہو چکے ہیں
انہیں اے سازؔ دہرانے سے حاصل؟
ستم مجھ پر جو اول ہو چکے ہیں

 


جرأتوں کو آزمائیں شہر میں
کانچ کا اِک گھر بنائیں شہر میں
آدمی کو کھا رہی ہیں ان دنوں
زہر آلودہ فضائیں شہر میں
گاؤں میں دکھ درد بیماری کہاں؟
بانٹتے رہئے دوائیں شہر میں
سب غرض کے یار، مطلب کے دھنی
کون دیتا ہے دعائیں شہر میں
ساگ سوکھی روٹیاں دہقان کو
دودھ کتّے کو پلائیں شہر میں
سازؔ آشرواد کو موجود ہیں
اونچی اونچی آتمائیں شہر میں
 


زخم کھانا بہت ضروری تھا
دکھ اٹھانا بہت ضروری تھا
راہ زن تھے مرے تعاقب میں
دھول اڑانا بہت ضروری تھا
جان لیوا تھا موسموں کا عتاب
گھر بنانا بہت ضروری تھا
چوٹ کھا کر بھی سامنے اس کے
مسکرانا بھی بہت ضروری تھا
جان اس کے لئے گئی تو گئی
اس کو پانا بہت ضروری تھا
اختلاطِ غم و خوشی کے لئے
دل لگانا بہت ضروری تھا
سازؔ دل کی مراد پانے کو
کچھ گنوانا بہت ضروری تھا

 


ان کی محفل میں باریاب ہوا
میں کہ ذرہ تھا آفتاب ہوا
ہم نے ان کو چنا ہے لاکھوں میں
کس قیامت کا انتخاب ہوا
سب نے احسان اپنے گنوائے
کب مرے خون کا حساب ہوا
مکڑیاں گھر میں تن گئی جالے
دورِ عشرت خیال و خواب ہوا
ایک عالم ہے طعنہ زن مجھ پر
دوستانہ ترا عذاب ہوا
حالِ ذہنِ جدید کیا ہو گا
زہر گر داخلِ نصاب ہوا
سازؔ فکر جمیل کے صدقے
اپنا ہر شعر لاجواب ہوا

 


آزادیِ اظہارِ بیاں چھین رہے ہیں
وہ میرا قلم، میری زباں چھین رہے ہیں
گلشن میں ہے بلبل تو ہے پابندیِ نغمہ
اور قید میں اندازِ فغاں چھین رہے ہیں
کیا زندہ حقیقت بھی مٹا  سکتی ہے دنیا
نادان! مرا نام و نشاں چھین رہے ہیں
سرمایۂ جاں، بیتے ہوئے دن کی ہیں یادیں
کیوں آپ یہ سرمایۂ جاں چھین رہے ہیں
پر بخشے ہیں اڑنے کی اجازت نہیں دیتے
دے کر ہمیں وہ تیر، کماں چھین رہے ہیں
میں بام پہ آیا ہوں لیے جرأتِ بیباک
بینائی مری آپ کہاں چھین رہے ہیں
ہو ٹیکس ادا کیسے بھلا فاقہ کشی میں
برسات کا موسم ہے مکاں چھین رہے ہیں
 


ان کا ہر ناز اٹھانے کی قسم کھائی ہے
موت سے آنکھ ملانے کی قسم کھائی ہے
دیکھنا یہ ہے کہ پابندِ وفا کتنے ہیں
یوں تو لوگوں نے زمانے کی قسم کھائی ہے
مرمریں جسم کو بوسوں کی حرارت دے کر
برف پہ آگ بجھانے کی قسم کھائی ہے
آگ پر رقص کروں، سوچ رکھا ہے یہ بھی
اور دامن بھی بچانے کی قسم کھائی ہے
کچھ مرا نام بھی ہو جائے ترے نام کے ساتھ
تجھ پہ الزام لگانے کی قسم کھائی ہے
تیری زلفوں کی مہک، تیرے بدن کی خوشبو
دامنِ دل میں بسانے کی قسم کھائی ہے
جانے کیا سوچ کے اے سازؔ ستمگاروں نے
دوستی ہم سے بڑھانے کی قسم کھائی ہے
 


آج کی شام سوچ رکھا ہے
توڑ دیں جام سوچ رکھا ہے
جب وہ پوچھیں سبب تباہی کا
آپ کا نام سوچ رکھا ہے
تیرے لب کو افق کی سرخی دیں
اک نیا کام سوچ رکھا ہے
سچ کہوں گا تو سر کٹے گا ضرور
اپنا انجام سوچ رکھا ہے
دل تو دل ہے بچھاؤں گا آنکھیں
بام در بام سوچ رکھا ہے
ان کے گھر تک کرن کرن بھیجوں
دل کا پیغام سوچ رکھا ہے
سازؔ دوڑے بہت جوانی میں
اب تو آرام سوچ رکھا ہے
 

دلوں کے درمیاں جو فاصلے ہیں
وہ کم ہو جائیں تو کیا مسئلے ہیں
خرابی مجھ میں میری سوچ میں ہے
مرے احباب مخلص ہیں بھلے ہیں
کہاں جائیں، بنائیں گھر کہاں ہم
تعاقب میں ہمارے زلزلے ہیں
ہمیں فتنوں سے رکھ محفوظ یارب
کہ تیرا نام ہم لے کر چلے ہیں
چلے تھے دوسروں کا گھر بچانے
اسی کوشش میں اپنے گھر جلے ہیں
ضروری ہے کسی کی سرپرستی
وگرنہ خاک اپنے حوصلے ہیں
چلا ہوں سازؔ کس کی جستجو میں
ستارے میرے قدموں کے تلے ہیں

 



اپنا پسینہ ہیرا موتی، اپنی ماٹی سونا
جس کو جنت بولے دنیا، اپنے گھر کا کونا
راہِ وفا پر تنہا تنہا کب تک چلنا ساتھی
تم بھی میرا ہاتھ پکڑ لو، میرے ساتھ چلونا
سوکھی روٹی، پھیکی چٹنی سے بھی بھوک مٹے گی
جو مل جائے کھا لے بھائی! کیا قسمت کا رونا
پھینک دیا تھا جس کو سب نے سوکھا پھول سمجھ کے
لکھا تھا اس کے ماتھے پر جانِ گلستاں ہونا
جن سے مانو تاکا اجلا پن جھر جھر ہو جائے
ایسی کتابیں آگ میں ڈالو، ایسے پاٹھ پڑھو نا
چھیڑ رہے ہیں آتے جاتے ا  سکولوں کے بچے
آج کا بوڑھا انساں بھی ہے جیسے ایک کھلونا
سازؔ یہ جادوگر کیسا ہے جو پھیلائے ہاتھ
سب کے بگڑے کام بنائے کر کے جادو ٹونا
 

اندھیروں سے لڑیں، کس بل نہیں ہے
کسی کے ہاتھ میں مشعل نہیں ہے
محبت کا چلن گھر گھر ملے گا
یہ میرا شہر ہے مقتل نہیں ہے
ہماری رہ گزر ہے دھوپ والی
کوئی سایہ، کوئی بادل نہیں ہے
تھما ہے جھیل کے پانی کے جیسا
ہمارے گاؤں میں ہلچل نہیں ہے
مسائل تو بہت ہیں زندگی میں
کسی کے پاس ان کا حل نہیں ہے
دلوں سے کیا کدورت دور ہو گی
تمہاری آنکھ کا کاجل نہیں ہے
ہمیں اے سازؔ ایسا لگ رہا ہے
ہماری زندگی میں کل نہیں ہے
 


گھر سونا، سونا آنگن
سہمی سی دل کی دھڑکن
تو جب سے پردیس گیا
دیکھا نہیں ہم نے درپن
کون کسی کا دکھ بانٹے
اپنا گھر، اپنی الجھن
پھول کھلے، موتی برسے
خالی ہے اپنا دامن
ویرانے ویرانے ہیں
چل آباد کریں گلشن
شبنم کو پی جاتی ہے
سورج کی ہر ایک کرن
سازؔ سفر کو نکلو جب
رکھو اپنے ساتھ کفن
 


جہالت کے اندھیروں سے نکلنا بھی ضروری ہے
بدل ڈالو زمانے کو بدلنا بھی ضروری ہے
فروزاں مشعلِ جاں کو رکھو زورِ حوادث میں
اجالا چاہنے والوں کو جلنا بھی ضروری ہے
کوئی کچھ بھی کہے لیکن مری چاہت کے متوالو!
تمہیں کچھ دور میرے ساتھ چلنا بھی ضروری ہے
جو خاطر میں نہیں لاتے زمانے کے تقاضوں کو
اُنہیں آخر کفِ افسوس ملنا بھی ضروری ہے
کبھی حالات سے اے سازؔ دامن کو بچا لینا
کبھی حالات کے سانچے میں ڈھلنا بھی ضروری ہے

 

لائق احترام ہوتی ہے
وہ جو ہستی امام ہوتی ہے
کام لیں جتنا رازداری سے
بات اتنی ہی عام ہوتی ہے
دل میں گنجائشِ خلوص نہیں
ظاہری تام جھام ہوتی ہے
ہچکیاں آ رہی ہیں آخرِ شب
اب کہانی تمام ہوتی ہے
لب پہ ہے مُہرِ خامشی لیکن
آنکھ محوِ کلام ہوتی ہے
ہے کسے دل کے ٹوٹنے کا پتہ
قتل کی بات عام ہوتی ہے
سازؔ مستی میں شعر کہتا ہوں
فکر ممنونِ جام ہوتی ہے
 

بوجھ کم ہو اگر مسائل کا
راستہ ڈھونڈ لیں گے منزل کا
منہ کے بل گر پڑے سرِ میداں
ہم نے تھاما تھا ہاتھ بزدل کا
تم گئے تو تمہارے ساتھ گیا
رنگ محفل کا، روپ محفل کا
وہ زمانہ خیال و خواب ہوا
جب ہمیں اعتبار تھا دل کا
وسعتِ کائنات لا حاصل
گھر سے رشتہ اگر نہیں دل کا
آج کا دور جانے کب سے ہے
منتظر ایک مردِ کامل کا!
سازؔ دارورسن کی یاد آئی
جب چھڑا تذکرہ سلاسل کا

 


تم پر پڑی نگاہ تو مشکل میں آگیا
زاہد بھی آج زمرۂ باطل میں آگیا
محوِ تصورات کی منزل میں آگیا
چل کر تمہارا شہر مرے دل میں آگیا
طوفان اپنا زور دکھاتا رہا مگر
میرا سفینہ دامنِ ساحل میں آگیا
اس کا بھی اعتراف کہ دل جانتا نہیں
یہ بھی خطا کہ آپ کی محفل میں آگیا
اب اور رہنماؤں کی تعریف کیا کریں
اپنا وجود پنجۂ قاتل میں آگیا
سچ بات سازؔ نے یوں لکھی طمطراق سے
نام اس کا اہلِ طوق و سلاسل میں آگیا

 



بیشک کپڑے میرے دھبّے والے ہیں
لیکن حضرت آپ کے دل تو کالے ہیں
میرا ہر اک شعر جوابِ آئینہ
میں نے کیسے کیسے منظر ڈھالے ہیں
ملا، پنڈت، نیتا، افسر اور رئیس
ان سب کے کردار تو دیکھے بھالے ہیں
ہم نے جھیلی دھوپ سدا سچائی کی
شہر کے سارے جھوٹے محلوں والے ہیں
کون مہیا کر  سکتا ہے دو روٹی
جب اس نگری میں پانی کے لالے ہیں


 



جب جبیں چاند کی چمکتی ہے
ہم کو تیری کمی کھٹکتی ہے
رات اس شوخ کا بدن بن کر
میرے چاروں طرف تھرکتی ہے
ہو گئے بند راستے دل کے
روحِ انسانیت بھٹکتی ہے
دل کی تاریکیوں کو صاف کرو
روشنی جام سے چھلکتی ہے
اے مری جانِ آرزو آ جا
دیر سے آنکھ تجھ کو تکتی ہے
اے خدا غم سے رکھ ہمیں محفوظ
سر پہ تلوار یہ لٹکتی ہے
سازؔ جلتے مکاں سے دور رہو
آگ پھر آگ ہے لپکتی ہے

 


خوش نصیبوں کو ملی عمر رفاقت کے لئے
ہم پریشان ہیں اک رات کی قربت کے لئے
ایک ٹکڑا مرے آنگن کا ابھی گیلا ہے
دھوپ تھوڑی سی مجھے دے دے ضرورت کے لئے
خوش تھا، مجھ کو ملی موسم کے عتابوں سے نجات
شہر میں آئی بھی آندھی تو مری چھت کے لئے
ہم نے دیکھا نہیں کٹیا سے دھواں اٹھتے ہوئے
لوگ کہتے ہیں کہ شام آئی ہے راحت کے لیے
اپنی کوتاہ نصیبی ہے کہ محکوم ہیں ہم
ہم کو مالک نے بنایا تھا حکومت کے لیے
اب سیاست بھی جفا کاروں کا شیوہ ٹھہری
کون اٹھتا ہے غریبوں کی حمایت کے لیے
پیرہن کوئی مہکتا مری تنہائی میں
کام آسان تھا اے سازؔ یہ قدرت کے لیے
 



دن کا اندھیرا اور بڑھائے
آنکھیں اجلا خواب دکھائے
سود میں بنیا لیتا جائے
میری کھیتی، میری گائے
مجھ میں برسوں رہنے والے
کیسے ہو جاتے ہیں پرائے
میں آئینہ لے کے کھڑا تھا
گزرا کوئی نظریں جھکائے
بستی بستی پھرتا ہوں میں
خود ہی اپنی لاش اٹھائے
گونگے بہروں کی محفل میں
کیا کوئی احوال سنائے
سازؔ کا اس آباد جہاں میں
کون ہے مالک تیرے سوائے
 


فٹ پاتھ پر مکان کبھی ہے کبھی نہیں
راحت میں اپنی جان کبھی ہے کبھی نہیں
دنیا نے احتیاط سے جینا  سکھا دیا
منہ میں مرے زبان کبھی ہے کبھی نہیں
بڑھنے کو بڑھ رہا ہوں نئے عہد کی طرف
اب لغزشوں پہ دھیان کبھی ہے کبھی نہیں
لمبی ڈگر ہے، ساتھ میں چلنا محال ہے
پیروں میں اپنے جان کبھی ہے کبھی نہیں
جس شوخ پر متاعِ دل و جان لٹا دیا
وہ شوخ مہربان کبھی ہے کبھی نہیں
کیا کہئے حالِ بے سروسامانیِ حیات
لگتا ہے آسمان کبھی ہے کبھی نہیں
جاری ہے دو دلوں کے دھڑکنے کا سلسلہ
احساس درمیان کبھی ہے کبھی نہیں

 


گری وہ برق، اٹھا شعلہ آشیانے سے
مری خوشی بھی نہ دیکھی گئی زمانے سے
یہ کس مقام پہ لے آئی گردشِ دوراں
قرارِ جاں بھی میسر نہیں ترانے سے
جلے چراغِ وفا، دوستی کے پھول کھلے
جو دوریاں ہیں وہ مٹ جائیں آنے جانے سے
وہی فسردہ مزاجی، وہی اداسیِ دل
نظامِ دہر نہ بدلا بہار آنے سے
پڑوسیوں کو حسد، بغض رشتہ داروں کو
خرابیوں کا بڑھا زور گھر بنانے سے
برا نہ مانے تو اے سازؔ شیخ سے کہہ دوں
ہے موت ہی کہیں بہتر حرام کھانے سے

 


نہیں کم اپنی قربانی بھی آزادی کے عنواں پر
ہمارے خون کے چھینٹے بھی ہیں دیوارِ زنداں پر
یقین محکم تھے جن کے لا مکاں کی سیر کر آئے
ابھی اہلِ خرد ٹھہرے ہوئے ہیں حدِّ امکاں پر
نہیں عالم میں دیوانہ کوئی مشکل پسندی کا
توجہ دے رہی ہے ساری دنیا کارِ آساں پر
ہر اک ارضِ مقدس قتل گاہوں میں بدل جائے
نہ لائے وہ قیامت کی گھڑی اللہ انساں پر
سبھی چڑھتے ہوئے سورج کی پوجا کرنے والے ہیں
کسے فرصت کہ دو آنسو بہائے شمعِ سوزاں پر
یہی مکّار ہیں دیر و حرم کو پھونکنے والے
جو اب آنسو بہاتے ہیں نزاعِ کفر و ایماں پر
خدا کا نام لے کر ہو گئے کتنے خدا پیدا
برا وقت آ پڑا ہے سازؔ اہلِ دین و ایماں پر
 


ابھی تک پردۂ ظلمات میں ہے
وہ ہندوستان جو دیہات میں ہے
دماغ و دل کی قندیلیں جلالو
سفر اپنا اندھیری رات میں ہے
اسی اک زعم نے مارا ہے مجھ کو
کہ جو خوبی ہے میری ذات میں ہے
وہاں محلوں میں نقاروں کی گونجیں
یہاں انسانیت سکرات میں ہے
گھنی آبادیوں میں رہنے والو
حقیقی زندگی جنگلات میں ہے
انہی نغمات کا جادو جگائیں
سخن کی روح جن نغمات میں ہے
کھلا، اے سازؔ پیہم حادثوں سے
کمی کچھ علمِ موجودات میں ہے


 


ہم یقیناً ہیں محبت کے خطاواروں میں
کھینچئے دار پہ ، چنوائیے دیواروں میں
جب سے پیسوں کی ہوس آ گئی فنکاروں میں
بھیڑ بکری کی طرح بک گئے بازاروں میں
جو مرے ذوقِ حمیت کی رگیں کاٹ  سکے
دھار اتنی بھی نہیں وقت کی تلواروں میں
جو بھی جی چاہے مرے دام لگا لے دنیا
زندگی لے کے چلی آئی ہے بازاروں میں
آپ پھولوں کی نزاکت سے بھی گھبراتے ہیں
ہم تو فردوس سجا لیتے ہیں انگاروں میں
میں گھنا پیڑ ہوں، سایہ ہے مرا سب کے لئے
سازؔ یہ ظرف و سلیقہ نہیں زرداروں میں
 



فسانوں میں سمو دینا، کبھی اشعار میں لکھنا
بہت مشکل ہے لوگو زندگی کو پیار میں لکھنا
مری عادت ہے ہر خط میں تقاضہ وصل کا کرنا
تری فطرت سہی اس کا جواب انکار میں لکھنا
امیروں کے شبستانوں کا فوٹو چھاپنے والو
شکستہ جھونپڑوں کا حال بھی اخبار میں لکھنا
مرے صحرا نوردو وقت مہلت دے اگر تم کو
تو جو کچھ تم پہ بیتی وادیِ پُر خار میں لکھنا
بدل جائے بھلے ہی وقت کا اسلوب اور لہجہ
مگر جب بھی غزل لکھنا زبانِ یار میں لکھنا
یہ کام اے سازؔ دنیا میں نہیں ہر شخص کے بس کا
حقائق زندگی کے سایۂ تلوار میں لکھنا

 


یاد کوئی آ رہا ہے ان دنوں
جی بہت گھبرا رہا ان دنوں
وہ سنورنے کے لیے بیتاب ہیں
آئینہ شرما رہا ہے ان دنوں
وہ گلابی، جذب و مستی کی امیں
آسماں چھلکا رہا ہے ان دنوں
کتنے نازک موڑ پر ہے زندگی
دل ہمیں بہلا رہا ہے ان دنوں
قافلے گردِ سفر میں گم ہوئے
راستہ تنہا رہا ہے ان دنوں
وہ کہیں ہیں اور لیکن اپنا دل
قرب ان کا پا رہا ہے ان دنوں
جائدادوں کی طرح ہر آدمی
سازؔ بٹتا جا رہا ہے ان دنوں

 



یاروں کو ہے کج فہمی پر ناز بہت
خالی برتن کرتے ہیں آواز بہت
وقت آیا تو وہ غائب میدان سے تھے
جن کو لوگ سمجھتے تھے جانباز بہت
عشق کی خوش انجامی کا تھا ہم کو یقیں
دل ٹوٹا تو یاد آیا آغاز بہت
ہلکے گہرے رنگوں کا یہ کھیل نہیں
شام و سحر کے پردے میں ہیں راز بہت
خاک نشینو! جرأت اور جرأت پیہم
قد آور ہے وہ فتنہ پرداز بہت
اب وہ فن میراث ہوا ناقدروں کی
جس فن پر تھے نازاں ہم اے سازؔ بہت
 


مفلسی میں شباب کی باتیں
ہیں مسلسل عذاب کی باتیں
دل میں چبھنے لگے ہیں کانٹے سے
اب نہ کیجے گلاب کی باتیں
اک جنوں کے سوا نہیں کچھ بھی
آج کل انقلاب کی باتیں
جن کے گھر میں بہت اندھیرا ہے
وہ کریں آفتاب کی باتیں
چوڑیاں جب پڑوس میں کھنکیں
یاد آئیں شباب کی باتیں

 



بدگمانی کے پھیرے گئے
آپ آئے اندھیرے گئے
رات موتی لٹاتی رہی 
وہ سویرے سویرے گئے
لمس کا لطف جاتا رہا
ان کی باہوں کے گھیرے گئے
ہم نہ پہنچے جہاں تک کبھی
تذکرے تیرے میرے گئے
جن سے وابستگی اپنی تھی
شہر سے اب وہ ڈیرے گئے
سازؔ سورج چمکنے لگا
سارے بادل گھنیرے گئے


 


رفاقتوں کا چلن عام اور عام کرو
رقابتوں کا بہر طور اختتام کرو
بشر کی منزل فکر و نظر کتاب نہیں
متاعِ عظمتِ جشنِ شعور عام کرو
کوئی چراغ جلا آؤ طاقِ زنداں پر
ستم کے دورِ سیہ میں یہ ایک کام کرو
ہر اک فریب کو تم نے ہنر کا نام دیا
عطا ہمارے بھی ایثار کو دوام کرو
گلوں کے سینوں پہ زخموں کے ٹانک کر تمغے
پھر ایک جشنِ بہاراں کا اہتمام کرو
جو اقتدار ملا ہے تو سازؔ گھر بھر لو
یہ تم سے کس نے کہا، خدمتِ عوام کرو
 



گنہ کا خول سراسر اتار لیتا ہے
سپاہی جب زرہ بکتر اتار لیتا ہے
بشر کمال ہے یزداں کی شاہکاری کا
زمیں پہ خلد کا منظر اتار لیتا ہے
اس آدمی کو شناور سمجھ لیا ہم نے
جو کاغذوں پہ سمندر اتار لیتا تھا
بلند ہو کے زمانے کے ہاتھ کو نہ پکڑ
زمانہ تاج کے گوہر اتار لیتا ہے
جو بخشتا ہے غلاموں کو سطوتِ شاہی
وہی غرورِ تونگر اتار لیتا ہے
خرد کی چشمِ تصور بھی جس کو پا نہ  سکی
مرا قلم وہی پیکر اتار لیتا ہے
ہیں سازؔ کہنے کی باتیں، کسی کے بس میں نہیں
خود اپنا رزق مقدر اتار لیتا ہے
 


عجب حالاتِ دنیا ہو گئے ہیں
جو تھے کم ظرف اعلا ہو گئے ہیں
ستارے آسمانوں سے اتر کر
ترے ماتھے کی بندیا ہو گئے ہیں
ہمیں ہم تھے تری نسبت سے ہر سو
ہٹے تجھ سے تو تنہا ہو گئے ہیں
سمٹ کر رہ گئے تو قطرہ قطرہ
مگر پھیلے تو دریا ہو گئے ہیں
ہوئے ہیں کیسے کیسے نام والے
جنہیں ہونا تھا رسوا ہو گئے ہیں
تھی جن پر سازؔ مر مٹنے کی خواہش
وہی جانِ مسیحا ہو گئے ہیں

 



تم نے بند کمروں میں روشنی سجا لی ہے
کیا خبر تمہیں باہر رات کتنی کالی ہے
کانچ کا مکاں اپنا میں نے اک بنایا ہے
اور ہاتھ لوگوں کا پتھروں سے خالی ہے
سر بلندیاں بخشی جا رہی ہیں شہروں کو
گاؤں کے مقدر میں صرف پائمالی ہے
میرے دل کی تاریکی بڑھ رہی ہے تیزی سے
سن رہے ہیں برسوں سے صبح ہونے والی ہے
لعنتِ غلامی ہے آج بھی تعاقب میں
یوں تو ہم نے آزادی دوسروں سے پالی ہے
ننگِ شعر و نغمہ ہیں سازؔ آج کے شاعر
میرؔ و ذوقؔ و غالبؔ کی بات ہی نرالی ہے

 

جذبات سے عاری ہم، احساس سے خالی ہم
وہ دور گیا جب تھے دنیا میں مثالی ہم
کل جس کی کفالت میں تھے ہاتھ کھلے اپنے
اس شخص کی چوکھٹ پر ہیں آج سوالی ہم
تم سارے چمن اپنی جاگیر میں لکھ ڈالو
پا کر ہیں بہت شاداں اک پھول کی ڈالی ہم
تخریب پسندی کا دیتے ہو ہمیں طعنہ
نادانو! رہے صدیوں اس باغ کے مالی ہم
تحلیل تو ہونا ہے اک روز وجود اپنا
ہو جائیں گے کچھ دن میں اک نقشِ خیالی ہم
اسلاف کی عزت کو بازار میں لا لا کر
اے سازؔ حریفوں کی کرتے ہیں دلالی ہم

 


کتنے چھپر کو اڑا کر گزری
اپنی من مانی ہوا کر گزری
مٹ گئے نام و نشان محلوں کے
مفلسی خاک اڑا کر گزری
دل پہ جو گزری وہ دل جانے ہے
آنکھ اک روز خطا کر گزری
بَیر خوشبو کو ہے کمرے سے مرے
میری دہلیز تک آ کر گزری
کھل گئی تیری ہتھیلی پہ شفق
کام اپنا تو حنا کر گزری
برق اے سازؔ چمن سے اپنے
دیپ شاخوں پہ جلا کر گزری
 

سانس اکھڑی، ساتھ چھوڑ گئے جسم و جاں تمام
اک پل میں زندگی کی ہوئی داستاں تمام
مسرور سب تھے محلوں کی بنیاد ڈال کر
سیلاب نے مٹا دئیے نام و نشاں تمام
روشن ہیں مہر و ماہ مگر تیرگی سی ہے
ذہنوں میں بھر گیا ہے ہمارے دھواں تمام
اہلِ جفا کو دی گئی آزادیِ خیال
اہلِ وفا کے واسطے پابندیاں تمام
ہم انتہائے شوق میں شعلوں کو پی گئے
چھالوں سے بھر گئی ہے ہماری زباں تمام
اس شہر کا مزاج بھی کتنا عجیب ہے
وہ مہرباں ہوا تو ہوئے بدگماں تمام
اُردو کو حق ملے بھی تو اے سازؔ کیا ملے
اعزاز کے حریص ہیں اہلِ زباں تمام
 


جن پہ دنیا کو فرشتوں کا گماں ہوتا ہے
ایسے لوگوں میں شمار اپنا کہاں ہوتا ہے
ہر گنہ ڈھانپ لیا کرتی ہے سیمیں چادر
عیب تو صرف غریبوں کا عیاں ہوتا ہے
ہم محبت کی لطافت کے تو قائل ہیں مگر
انتظار اپنے لئے سخت گراں ہوتا ہے
مشعلِ درد کو اشکوں سے بجھانے والو
لکڑیاں گیلی اگر ہوں تو دھواں ہوتا ہے
صبر کو آپ نہ ڈھونڈیں کبھی زرداروں میں
یہ وہ پھل ہے جو غریبوں کے یہاں ہوتا ہے
آ کسی پیڑ پہ ہم نام تو اپنا لکھ دیں
تاج ہر دور میں تعمیر کہاں ہوتا ہے
سازؔ آرام کہاں ترکِ تمنا کے سوا
خواہشِ نفع میں اکثر ہی زیاں ہوتا ہے
 

یہاں تو مسئلے ہی مسئلے ہیں
یہ کس محفل میں دیوانے چلے ہیں
دعا، خواہش، طلب آساں ہے لیکن
پھر اس کے بعد کتنے مرحلے ہیں
کسے آنکھیں دکھاتے ہیں اجالے
کہ ہم تو ظلمتوں ہی میں پلے ہیں
شکایت وہ کریں کس مہرباں سے
بھری بارش میں جن کے گھر جلے ہیں
وفاداری ہماری آئینہ ہے
وطن کی خاک چہرے پر ملے ہیں
نئی نسلیں سنواریں یا اجاڑیں
ہم اس دنیا کو جنت کر چلے ہیں
رہے زندہ دلی اے سازؔ باقی
کہ اس کے دم سے سارے ولولے ہیں

 



اٹھا فتنہ، چلی تلوار ہنگاموں کی رت آئی
دھماکوں کے پیام آئے، لہو ناموں کی رت آئی
صلہ اپنی وفاؤں کا ملے گا ان کی جانب سے
سجی دارورسن کی بزم، انعاموں کی رت آئی
کنواری لڑکیاں بھی، دلہنیں بھی محوِ ماتم ہیں
ہمارے شہر میں کیسی یہ کہراموں کی رت آئی
زوال آیا ہوا ہے چاند سورج کے اجالوں پر
یہاں گہری سیاہی گھولتی شاموں کی رت آئی
جفا و ظلم و جورو سرکشی کی انتہا دیکھی
قیامت آ گئی شاید کہ انجاموں کی رت آئی
 


محفوظ ہم ہیں آج ہمیں یہ گمان تھا
لیکن کھلا کہ زد میں ہمارا مکان تھا
رشتے ہوائے وقت نے تبدیل کر دئیے
سمجھا تھا جس کو دوست وہی بد گمان تھا
سائے کا اعتبار بھی اب ختم ہو گیا
قاتل وہی ہمارا تھا جو پاسبان تھا
کچھ اور بھی تھے طور و طریقِ ستمگری
مقصود اگرچہ ان کو مرا امتحان تھا
چھوٹے بڑے شہید ہوئے گھر سلگ گیا
اک میں ہی بچ گیا کہ بڑا سخت جان تھا
اب اتنا بڑھ چکا ہے کہ گھٹنا محال ہے
وہ فاصلہ جو تیرے مرے درمیان تھا
سو سو طرح سے ہم کو مٹانے کے باوجود
اپنا ہی نام زینتِ ہر داستان تھا

 


ہم فنکار بھی کتنے بھولے بھالے ہیں
قائد ان کو سمجھیں جو چھل والے ہیں
تیز ہوائیں کیا ہم سے ٹکرائے گی
ہم پتھریلے گھر میں رہنے والے ہیں
ہر سینے میں روشن ہے زخموں کا چراغ
آنے والے دن کتنے اجیالے ہیں
بستی کے نادان، خطابت کے ماہر
دانش مندوں کے ہونٹوں پر تالے ہیں
صحرا صحرا پھول کھلائیں اہلِ دل
ظالم نے تاراج چمن کر ڈالے ہیں
موجِ بلا اے سازؔ! انہیں کیا چھیڑے گی
جو طوفانِ رنج و غم کے پالے ہیں

 


انسان کی بقا کے لئے التفات کر
تخلیق اور کوئی نئی کائنات کر
اب خود پہ غور و فکر نہیں میرے بس کی بات
پروردگار مجھ پہ عیاں میری ذات کر
تنہا سمجھ کے فتنہ گروں کے گروہ میں
مَیں تجھ کو دوں صدا تو بلند اپنا ہات کر
ہر عیب لکھ دے نامۂ اعمال میں مرے
منسوب ان کے نام سے ساری صفات کر
جھیلیں ہزار راتوں کی تو نے صعوبتیں
آ اور میکدے میں قیام ایک رات کر
اے سازؔ کیا ملے گی وفا شہر میں تجھے
اس ریگ زار میں نہ تلاشِ فرات کر
 



وقتِ تعمیرِ مکاں عقل پہ پتھر نہ پڑے
اس کی بنیاد پڑوسی کی زمیں پر نہ پڑے
اب تجھے ڈھونڈنے جاؤں تو کہاں جاؤں میں
بھیڑ اتنی ہے کہ سایہ بھی زمیں پر نہ پڑے
ہم فقیروں کے لئے لعل و گہر کیا معنی؟
واسطہ تجھ سے کبھی اپنا تونگر نہ پڑے
ہم سے یک جرأتِ اظہارِ محبت نہ ہوئی
بس یہی سوچ کے بل اس کی جبیں پر نہ پڑے
ہاتھ پھیلانا ہے ذلّت کی علامت اے سازؔ
مال کے پھیر میں اب کوئی سخنور نہ پڑے


 


فساد پوچھ گیا سب کے پیرہن میں لہو
ہے آج پانی سے سستا مرے وطن میں لہو
ہمارے ہوتے ہوئے تیرگی ہو بزم میں کیوں
کہ روشنی کے لئے ہے ابھی بدن میں لہو
شہیدِ ناز ہوں، یہ آخری گزارش ہے
بجائے عطر چھڑک دو مرے کفن میں لہو
کٹی ہے آج یہ کس بے زبان کی گردن
لگا ہے خنجر و شمشیر کے دہن میں لہو
یہ کس نے شاخِ شجر کو ہرا لباس دیا
بکھیرتا ہوا گزرا کوئی چمن میں لہو
ہمارے نام کی سرخی افق افق پھیلے
کہ ہم نے صرف کیا ہے حصولِ فن میں لہو
 



لڑیں گے لوگ، جماعت میں اور کیا ہو گا
ابوجہل کی قیادت میں اور کیا ہو گا
عروج شر کا، شباب و شراب کی مستی
سو ائے اس کے سیاست میں اور کیا ہو گا
اثر، رسوخ، خوشامد، دباؤ اور رشوت
خطا معاف عدالت میں اور کیا ہو گا
ہر ایک شہر میں لاشیں بچھی ہوئی دیکھیں
ستمگروں کی حکومت میں اور کیا ہو گا
سہارا جس کو دیا اس نے مجھ کو قتل کیا
مجھے یقیں تھا مروّت میں اور کیا ہو گا
اندھیرے ہوں یا اجالے سبھی نے ہم کو ڈسا
جنابِ سازؔ مسافت میں اور کیا ہو گا
 


جلاتے کب تلک قلبِ تپاں کو
عیاں کرنا پڑا دردِ نہاں کو
ہمیں بے آشیاں کر دو مگر ہم
لہو دیتے رہیں گے گلستاں کو
پٹکتے ہیں سر اپنا جام و مینا
ہوا کیا غیرتِ پیرِ مغاں کو
کیا ذروں کو سورج کے مقابل
بنایا خلد کس نے خاک داں کو
نکھر آئے گی، منزل کی بشارت
ملو چہرے پہ گردِ کارواں کو
انہیں ملنا پڑا اے سازؔ آخر
اٹھا کر ہر حجابِ درمیاں کو

 



امکان و یقیں، آثار و نشاں سے ظاہر یہ تبدیلی ہے
ہم ایسے مکاں میں ہیں جس کی بنیاد کی مٹی گیلی ہے
وہ زخم لگائے ہیں اِس نے ذہنوں پہ ہمارے مت پوچھو
لوگو! یہ سیاسی دوشیزہ کہنے کو بہت شرمیلی ہے
اے ساعتِ وصلِ محبوبی، دل جوش سے ہے بالکل خالی
نبضوں میں لہو ساکت سا ہے، یہ رات بڑی برفیلی ہے
بارود بچھا کر رکھ دی ہے دھرتی کی کوکھ میں مغرب نے
دنیا کی تباہی کی خاطر، کافی ماچس کی تیلی ہے
ہر شہر میں شان و شوکت سے اُردو کا جنازہ اٹھنے دو
اعزاز کے بھوکوں سے کہہ دو، موت اس کی بڑی تمثیلی ہے

 


رقص، نغمہ، رنگ، خوشبو، روشنی ہم کو ملی
کیسی کیسی شے بنامِ زندگی ہم کو ملی
دل کے داغوں کا چمکنا بھی مقدر کی ہے بات
اپنے گھر بیٹھے بٹھائے چاندنی ہم کو ملی
کوئی سایہ گاؤں کی پگڈنڈیوں میں کھو گیا
جگمگاتے شہر کی آوارگی ہم کو ملی
وہ بھی اپنے پاؤں کے چھالوں کا پانی پی گئی
رہ گزر جو بھی ملی کانٹوں بھری ہم کو ملی
شیخ صاحب تو فقط اپنے مصلے تک رہے
جرأتِ پروازِ عرشِ آگہی ہم کو ملی
جنگ تم نے جیت لی اور ہم نے جیتے سب کے دل
برتری تم کو ملی کہ برتری ہم کو ملی
سازؔ ہر عنوان کو ہم نے دیا اپنا لہو
مفلسی کے بعد بھی دریا دلی ہم کو ملی

 



آگ بھر دیں گے دل میں میخانے
کس طرف جا رہا ہے دیوانے
رات ، محفل ، چراغ ، پروانے
ایک عنواں ہزار افسانے
دے چکا ہوں تمام اپنا لہو
کب کھلیں گے گلاب کیا جانے
سانس تک آدمی حقیقت ہے
اور پھر اس کے بعد افسانے
سازؔ اس ارتقا کو کہا کہئے
مبتلائے جنوں ہیں فرزانے

 



ہاتھوں میں چاند، قدموں تلے آسمان تھا
یہ اُن دِنوں کی بات ہے جب میں جوان تھا
محصور ہو کے رہ گئے اب اک مکان میں
کل تو تمام ملک ہمارا مکان تھا
ٹکرا کے پاش پاش ہوئی اس سے موجِ غم
میرا وجود اپنی جگہ خود چٹان تھا
ذرّوں کی آب و تاب نے چونکا دیا انہیں
جن کا بصد شعور ستاروں پہ دھیان تھا
دل تنگ ہو گئے تو زمیں تنگ ہو گئی
آزاد ذہن تھا تو کھلا آسمان تھا

 




اپنا حق مانگا ہی تھا میں نے کہ خوں ریزی ہوئی
اور وہ بھی یوں کہ تازہ رسم چنگیزی ہوئی
ہر زمینِ ظلم پہ کھلتا ہے تخم انقلاب
ابر کی چادر تنی جب دھوپ میں تیزی ہوئی
خون باغوں میں اگا، کھیتوں میں سر بوئے گئے
اب کے فصلِ گل میں ایسی بھی ستم خیزی ہوئی
سرخیِ شیریں لباں عنوانِ زیبائش رہی
اور افزوں آب و تابِ قصرِ پرویزی ہوئی
حریت کا نام لینا بھی خطا ہو جائے گا
اپنی آبادی اگر نذرِ دلآویزی ہوئی
سادہ و پرکار ہے اے سازؔ رودادِ جہاں
کچھ نہ کچھ اس میں اگرچہ رنگ آمیزی ہوئی

 



رسوائیِ گلشن ہو، یہ کس کو گوارا ہے
ہر پھول ہمارا ہے، ہر خار ہمارا ہے
آسائشیں ساحل کی اوروں کو مبارک ہوں
اپنے لئے طوفاں کی ہر موج کنارا ہے
بے وجہ نہیں ہوتا ہنگامہ کوئی برپا
کچھ اپنوں کی سازش ہے کچھ ان کا اشارا ہے
جب کوئی دبے پاؤں محفل سے چلا اٹھ کر
اس کے دلِ مضطر کو پائل نے پکارا ہے
احباب کا شکوہ کیا، دنیا سے شکایت کیوں
اے سازؔ ہمیں اپنے احساس نے مارا ہے

 
واردات
سیاست
ہر نفس غرق جیسے زہر میں ہے
زیست محبوس بند قہر میں ہے
پیار کے نام پر ہیں تعزیریں
کیسا قانون تیرے شہر میں ہے

محدود اجالوں سے تو ظلمت اچھی
بے ذوق عبادت سے ندامت اچھی
جس علم سے انساں میں انا آ جائے
اس علم سے سو درجہ جہالت اچھی



عقل کے محدود گھیروں سے نکل
خواب کے رنگیں تھپیڑوں سے نکل
منتظر ہے تیری دنیائے جنوں
روشنی میں آ، اندھیروں سے نکل

عقل سے بیزار ہو یہ تو کھلا
بے حیا، بدکار ہو یہ تو کھلا
گالیاں دیں مجھ کو میرا کیا ہوا
تم ذلیل و خوار ہو یہ تو کھلا

یہ مستی رنگ کبھی لائے گی خیال رہے
رگوں میں آگ سی بھڑکائے گی خیال رہے
اسی طریق سے پیتے رہے جو آپ شراب
شراب آپ کو پی جائے گی خیال رہے


لہو کو قوم کے پانی کریں گے
یہ نافرمان من مانی کریں گے 
سرشتوں کو بدلنا غیر ممکن
لٹیرے خاک سلطانی کریں گے

سوز در سوز دے گئی دنیا
دکھ نیا روز دے گئی دنیا
میں تو ساکت تھا کیمرے کی طرح
مختلف پوز دے گئی دنیا

قصوں سے، حکایات سے کیا ہوتا ہے
فرسودہ خیالات سے کیا ہوتا ہے
یہ دور تو ہے جدوجہد کا پیارے
کچھ کام بھی کر، بات سے کیا ہوتا ہے


نصیب اپنا بدلنا چاہتے ہیں
نئے سانچے میں ڈھلنا چاہتے ہیں
جزاک اللہ میرے چند ساتھی
ہوا سے تیز چلنا چاہتے ہیں

عقل کی گمرہی پہ لعنت ہے
بے عمل زندگی پہ لعنت ہے
جس کا ایمان چند ٹکڑے ہوں
سازؔ اس آدمی پہ لعنت ہے

دکھاوے کی ادا بھی خوب شے ہے
یہ دستار و قبا بھی خوب شے ہے
ادب سے جھک کے ملتا ہے زمانہ
نمایاں دبدبا بھی خوب شے ہے


مشاہدات

زندگی کا سفر طویل سہی
اپنی راہیں تلاش کر لیجے
چند لمحے  سکون کی خاطر
نرم باہیں تلاش کر لیجے

قابلِ احترام ہیں وہ لوگ
جن کی چاہت سے تخت و تاج ملے
اس زمیں کو سنبھال کر رکھئے
جس زمیں سے ہمیں اناج ملے


توڑ لیتا ہے پھول شاخوں سے
کیا ادا، کیا طریق، کیا تُک ہے
کون سمجھائے تجھ کو اے گل چیں
پھول کا دل بھی کتنا نازک ہے

جاگتا ہوں کہ آئے گا کوئی
نیند کی التجا نہیں کرتا
لیلیِ شب کی ناز برداری
کوئی میرے سوا نہیں کرتا

شہر در شہر، گاؤں در گاؤں
سلسلے روشنی کے پھیلے ہیں
اور پھر تیرگی کا یہ عالم
دل ابھی آدمی کے میلے ہیں


مرد مومن وہی ہے جس کے ساتھ
زندگی گھات کر نہیں  سکتی
اس کی آنکھوں میں ڈال کر آنکھیں
موت بھی بات کر نہیں  سکتی

آزار مت بناؤ دو دن کی زندگی کو
اپنی انا کو وجہِ تکرار مت بناؤ
تقسیم کی نحوست ہے باعثِ تباہی
مل کر رہو گھروں میں دیوار مت بناؤ

آپس کی کشمکش ہمیں لے جائے گی کہاں؟
دیوانگانِ دیر و حرم سوچتے نہیں
رہبر ہے کون؟ منزلِ مقصود ہے کدھر
کس سمت اٹھ رہے ہیں قدم سوچتے نہیں


روز گرتی ہیں بجلیاں تو گریں
ہم روز آشیاں بنائیں گے
قتل و غارت گری کی دھرتی پر
جشنِ امن و اماں منائیں گے

کیوں بدلتا جا رہا ہے اتنے چہرے اتنے روپ
آدمی آخر یہاں جھوٹی شرافت کے لئے
اس نے بھی دنیا میں برپا کر دئیے جنگ و جدل
جس کو قدرت نے بنایا تھا محبت کے لئے

کچھ لوگ مال و زر کے غباروں میں ہیں سوار
کچھ لوگ جی رہے ہیں کلیجہ مسوس کر
وہ میری آس میری عصا توڑ کر گیا
میں نے بڑا کیا تھا جسے پال پوس کر





میکدے کی رات

جب بکھرتی ہیں رات کی زلفیں
میکدے پر شباب آتا ہے
حسن آغوش میں مچلتا ہے
ہاتھ میں ماہتاب آتا ہے

شب کے ارمان آنکھ ملتے ہیں
ریشمی آنچلوں کے سائے میں
نظروں نظروں میں دور چلتے ہیں
سرمئی بادلوں کے سائے میں

عشق کی بے قرار باہوں میں
مرمریں جسم جھول جاتے ہیں
دین و دنیا تو کیا کہ ایسے میں
لوگ خود کو بھی بھول جاتے ہیں

لے کے محشر بدوش انگڑائی
روح جاگ اٹھتی ہے بہاروں کی
بام در بام جلوہ آرائی
وہ بہشت آفریں نظاروں کی

شوخ نظریں غزل سناتی ہیں
نوجواں دل کے ساز بجتے ہیں
نقرئی پائلوں کی سرگم پر
لے نکھرتی ہے گیت سجتے ہیں

گرمیِ حسنِ کائنات نہ پوچھ
رات اور میکدے کی رات نہ پوچھ


 
صبح
ڈھل چکے رات کے گھنے سائے
اجلی اجلی سحر چمک اٹھی
خوابِ کسل و جمود ٹوٹ چکا
ہر طرف زندگی لہک اٹھی

ختم مشاطگی کا دور ہوا
رات کی مانگ بھر چکے تارے
نو عروسِ سحر کی آنکھوں میں
نور بن کر اتر چکے تارے
سونی سونی سی رہ گزاروں پر
ہو چکی ہے چہل پہل جاری
اپنے سر کو چھپائے جا بیٹھی
ایک کونے میں رات بے چاری

مست و کیف آفریں فضاؤں میں
جام و ساغر کھنک چکے اے دوست
ہوش کا نام لو سحر آئی
رات کافی بہک چکے اےدوست
 




خیرمقدم

الجھنیں دور ہوئیں دورِ خوشی آیا ہے
مسکرانے لگے امید و تمنا کے گلاب
بربطِ دل پہ مچلنے لگا نغموں کا شباب
گنگناتے ہوئے گلشن میں کوئی آیا ہے

آخرش ٹوٹ گیا غم کے اندھیروں کا جمود
اک نئی صبح کی تنویر نے کروٹ بدلی
حسنِ تدبیر سے تقدیر نے کروٹ بدلی
دل پہ کچھ نقش ابھر آئے بصد شوقِ نمود

حسن نے چھیڑ دیا وصل کے افسانے کو
رامش و رنگ کے چہرے پہ نکھار آ ہی گیا
لے کے پیغامِ طرب دورِ بہار آ ہی گیا
روکشِ خلد بنانے مرے کاشانے کو

کثرتِ حسرت و آلام نے منہ پھیر لیا
دل میں مہتابِ مسرت کی کرن لہرائی
جھوم کر آئی ہوا صبحِ چمن لہرائی
دکھ بھری درد بھری شام نے منہ پھیر لیا

پھر سے گزرے ہوئے ایام پلٹ آئے ہیں
میری دنیائے محبت کے کنول جاگ اٹھے
خواب آلودہ امنگوں کے محل جاگ اٹھے
جلوہ ہائے سحر و شام پلٹ آئے ہیں

کوئی آیا ہے تو آ کر کے نہیں جائے گا
عہد و پیماں کی قسم حسرت و ارماں کی قسم
الجھنیں دور ہوئیں دورِ خوشی آیا ہے


 
چراغِ جام جلنے دو
کھلیں وہ شام کی زلفیں
چراغِ جام جلنے دو
تھکن کچھ ذہن کی اترے
ذرا اک دور چلنے دو
چراغِ جام جلنے دو
فضا روشن تو ہو جائے
کہ مے کا ایک اک قطرہ
جمود افگن تو ہو جائے
چراغِ جام جلنے دو
تقاضہ ہے یہی سب کا
نشیلی ہو فضا کچھ تو
ملے انعام کچھ رب کا

چراغِ جام جلنے دو
فضاؤں کو بدلنے دو
تمنائیں نکلنے دو
کہ رندوں کو بہلنے دو
 

نذرِ محبوب

زلفوں میں تری شام اودھ جھول رہی ہے
رخسار کی رنگت سے شفق پھول رہی ہے
آنکھیں ہیں کہ ہیں کوثر و تسنیم کے ساغر
پلکیں ہیں کہ طاؤس کے پھیلے ہوئے دو پر
یہ قشقۂ روشن تری شفاف جبیں پر
جیسے اتر آیا ہو مہِ چرخ زمیں پر
ہونٹوں پہ تھرکتی ہوئی امواجِ تبسم
ڈوبا ہوا انوار کی لہروں میں تکلم
یہ حسنِ خداداد ، یہ بھرپور جوانی
یہ مست خد و خال، یہ مخمور جوانی
ہر گام پہ فتنوں کی نگہ جھوم رہی ہے
قامت کو قیامت کی جبیں چوم رہی ہے



 
احمدآبادکافساد 

کس کے آگے ہوں فریادی
بستی کی بستی ہے فسادی
سازش نے فتنوں کو ہوا دی
کم ظرفوں نے بات بڑھا دی
اپنے پڑوسی کتنے دیالو
لوٹ لیا گھر، آگ لگا دی
فصلِ بہاراں آئی ہوئی ہے
خون اگا ہے وادی وادی
ماؤں کی آغوشیں سونی
مانگ دلہن کی سادی سادی
انساں کو انساں کھائے گا
سچ کہتی تھیں بوڑھی دادی

 

امن

امن پائل کی دل نشیں جھنکار
امن رنگین زمزموں کی بہار
امن فطرت کی دلنواز ادا
امن اک مژدۂ حیات افزا
امن تاروں کی نرم نرم ضیا
امن پھولوں کی سرخ سرخ قبا
امن خورشیدِ نو کی پہلی کرن
امن گھونگھٹ میں مسکراتی دلہن
امن جھرنوں کی دھیمی دھیمی صدا
امن موجِ خرامِ بادِ صبا
امن ساغر کی کیف ساز کھنک
امن زلفوں کی مست مست مہک
امن برسات کی شبِ مہتاب
امن معصوم نونہالوں کا خواب
امن آئینۂ حیاتِ حسیں
امن روحِ شبابِ خلدِ بریں
امن انسانیت کا تاج محل
امن ہنستے ہوئے دلوں کا کنول
امن شاعر کی فکر کا حاصل
امن حکمت کی آخری منزل
امن مزدور کے دلوں کی امنگ
امن امید و آرزو کی ترنگ
امن دہقاں کے چشم و دل کا سرور
امن کھیتوں میں چہچہاتے طیور
عیش و عشرت کا شادمانی کا
امن حاصل ہے زندگانی کا
 



گزارش

یہ جنگ باز ہیں دنیا کو کیا سے کیا کر دیں
زمیں کو بانجھ، ستاروں کو بے ضیا کر دیں
نہ پوچھ ان کی سیاست کی شعبدہ بازی
کہ یہ تو پانی سے پانی کو بھی جدا کر دیں
سلگتی ریت پہ پھولوں کی ڈال دیں چادر
سیاہ سخت چٹانوں کو آئینہ کر دیں
کسی حسین کو جینے نہ دیں زمانے میں
کسی بھی شہر کو جب چاہیں کربلا کر دیں
سلا دیں موت کی باہوں میں دھڑکنیں دل کی
خلوص و پیار کے جذبات کو فنا کر دیں
نظر سے چھین لیں شام و سحر کی تابانی
دل و ضمیر کو محرومِ مدعا کر دیں
وفا کی بادۂ شیریں میں گھول دیں زہر اب
سرورِ عشق و محبت کو بے مزا کر دیں
لگا دیں آگ شبستانِ شعر و نغمہ میں
ہر ایک سازِ تمنا کو بے صدا کر دیں
اسیر ظلم کریں بے قصور لوگوں کو
قصوروار کو ہر قید سے رہا کر دیں
اٹھو کہ موم کو فولاد آشنا کر دیں
اٹھو کہ اِن کی تباہی کی ابتدا کر دیں

 



میں زندگی ہوں

خرد سے آنکھ ملانے چلے ہو دیوانو
مذاق اپنا اڑانے چلے ہو دیوانو
ستم گروں کو رجھانے چلے ہو دیوانو
لہو میں اپنے نہانے چلے ہو دیوانو
یہ کار گاہِ جہاں روشنی کا مدفن ہے
کہاں چراغ جلانے چلے ہو دیوانو
میں جانتی ہوں کہ رنج و الم کے ماروں کو
بدل کے روپ ہنسانے چلے ہو دیوانو
کسی کی ریشمی زلفوں سے جوڑ کر رشتہ
خود الجھنوں کو بڑھانے چلے ہو دیوانو
سماعتوں سے ہیں محروم رہبرانِ وطن
کسے فسانہ سنانے چلے ہو دیوانو
یہ عاشقی ہے ، نہیں کھیل نونہالوں کا
کسی کی یاد بھلانے چلے ہو دیوانو
تپش ہے اور نہ سوزِ دروں کسی دل میں
تم انقلاب اگانے چلے ہو دیوانو
امیرِ شہر فرشتہ ہوا تو کیسے ہوا؟
یہ کس کا جشن منانے چلے ہو دیوانو؟
جن آنسوؤں میں ہے تصویر عہدِ ماضی کی
ان آنسوؤں کو لٹانے چلے ہو دیوانو
میں زندگی ہوں کہ مجھ سے گریز ٹھیک نہیں
میرا مذاق اڑانے چلے ہو دیوانو 

 


ناگپور

امن و اماں کا شہر مرا ناگپور ہے
حور و جناں کا شہر مرا ناگپور ہے
دکھلائے راستہ جو ہر اک راہ گیر کو
ایسے نشاں کا شہر مرا ناگپور ہے
ناقوس مندروں کے پیامی ہیں امن کے
میٹھی اذاں کا شہر مرا ناگپور ہے
صد رشکِ ماہتاب، ستارے ہیں جس کی شان
اس کہکشاں کا شہر مرا ناگپور ہے
آیا ہے جو بھی سینے سے اس کو لگا لیا
عشقِ بتاں کا شہر مرا ناگپور ہے
کرتے ہیں سارے لوگ سلیقے سے گفتگو
پیاری زباں کا شہر مرا ناگپور ہے
رخسار و لب کے، دل کے ، نظر کے معاملے
ہر داستاں کا شہر مرا ناگپور ہے
ایسی زمیں ہے کہیں کائنات میں نہیں
کس آسماں کا شہر مرا ناگپور ہے!
تیار ہے جو دیس کی سیوا میں ہر گھڑی
اس جسم و جاں کا شہر مرا ناگپور ہے
انکار اور وہ بھی کسی کارِ نیک میں؟
اے سازؔ! ہاں کا شہر مرا ناگپور ہے
 


تین کردار


(۱)
اہلِ زر
ہمارے دور میں جو اہلِ زر تھے
وسیع الظرف تھے صاحب نظر تھے
تمہارے دور میں جو اہل زر ہیں
وہ پیسے لوٹنے میں با ہنر ہیں
اگر ان کو خزانے کم پڑیں گے
وہ اپنی بیٹیوں کو بیچ دیں گے
 
(۲)
ماسٹر
ہمارے دور میں جو ماسٹر تھے
شریف النفس تھے عالی نظر تھے
تمہارے دور میں جو ماسٹر ہیں
وہ خود حالاتِ نو سے بے خبر ہیں
فقط استاد ہیں وہ اپنے فن میں
علی بابا بنے ہیں ٹیوشن میں
(۳)
منتری
ہمارے دور میں جو منتری تھے
وہ بے شک لائقِ صد سروری تھے
تمہارے دور میں جو منتری ہیں
لٹیرے ہیں کہاں کے سنتری ہیں
کہ ان کی آہنی الماریوں میں
ہے جتنا سونا چاندی اور نوٹیں
گھٹالوں اور حوالوں سے بھری ہیں
 

سوال

عقل کا دل سے انضمام ہے کیا
مقصدِ سجدہ و قیام ہے کیا؟
آپ کے پاس مولوی صاحب!
اقتصادی کوئی نظام ہے کیا؟
نوجوانوں کے نیک جذبوں کا
آپ کے دل میں احترام ہے کیا؟
خدمتِ خلق کس کو کہتے ہیں
آپ کیا جانیں فیضِ عام ہے کیا؟
کیوں زمیں گھومتی ہے محور پر
چرخ کی گردشِ مدام ہے کیا؟
چندہ جائز ہے سود خوروں کا
پھر یہ فرمائیے! حرام ہے کیا؟
آپ جس سے نفاق بوتے ہیں
وہ بھی اللہ کا کلام ہے کیا؟
لازمی ہے حصولِ علم مگر
علم کے بعد اہتمام ہے کیا؟
با عمل سرفراز ہوتے ہیں
بے عمل فرد شاد کام ہے کیا؟
جس سے روشن چراغِ رہبانی
اس تقدس کا انصرام ہے کیا؟
طنز شیوہ نہیں ہے شاعر کا
سوچئے حاصلِ کلام ہے کیا؟
 


تم کیسے مسلماں ہو

تم عاملِ قرآں ہو ، تم حافظِ قرآں ہو
تم کیسے مسلماں ہو ، کس بات پہ نازاں ہو
سوزِ غمِ دوراں سے یکسر ہی گریزاں ہو
کس طرح تمہیں حاصل تنویرِ دل و جاں ہو
دو چار قدم چلنا دشوار ہوا تم سے
کس طرح ملے منزل؟ کیا راستہ آساں ہو
جیتے ہو تو جینے کے انداز نرالے ہیں
ڈرتے ہو حوادث سے، طوفاں سے ہراساں ہو
اوصاف بزرگوں کے تم میں نہ رہے باقی
تم صرف بزرگوں کی عظمت کے ثنا خواں ہو
پردہ ہے بصارت پر، تکیہ ہے قناعت پر
دعویٰ ہے کہ عاقل ہو سچ یہ ہے کہ ناداں ہو
بے سمت سفر کرنا غربت میں گزر کرنا
قدرت کے وسائل سے کس درجہ گریزاں ہو
آگے وہی بڑھتے ہیں، موجوں سے جو لڑتے ہیں
ساحل سے تمہیں کیسے اندازۂ طوفاں ہو
اعزازِ جہانگیری کیا تم کو خدا دے گا
تم لوگ تو غیروں کی محکومی پہ نازاں ہو
دل اور جگر دونوں اے سازؔ ہوں فولادی
اس قوم کی خدمت کا جس شخص کو ارماں ہو
 
حالیؔ کبھی غالبؔ ہم، سعدی کبھی جامی ہم
اس عالم فانی میں ہیں نقش دوامی ہم

دنیا کا کوئی گوشہ خوبی سے نہیں خالی
کیوں ڈھونڈتے پھرتے ہیں ہر چیز میں خامی ہم

اِک یہ بھی زمانہ ہے ہم جڑ ہیں فسادوں کی
اِک دور کہ دنیا میں تھے امن کے حامی ہم

اب شرک میں بدعت میں ہے کون جواب اپنا
آئے تھے کبھی بن کر وحدت کے پیامی ہم

قرطاس کی تحریریں مٹ جائینگی کچھ دِن میں
ذہنوں میں جو رہ جائیں وہ نقش دوامی ہم

بھارت ہے بدن اپنا، بھارت ہے وطن اپنا
مصری ہیں نہ سوڈانی، عربی ہیں نہ شامی ہم

شیرازۂ ملت کو بکھرا ہوا پاتا ہوں
اے سازؔ نہ ہو جائیں مرہونِ غلامی ہم
 


عذابِ جاں ہی مسرت، ہوس ہے نادانی
ہمارے خوں کی تمناؤں نے کیا پانی

بدن پہ اپنے لباس یہود و نصرانی
اُتار پھینک چلے ہم عبائے رحمانی

سنبھل سنبھل کے چلے لوگ تنگدستی میں
کھا رہی ہے مگر ٹھوکریں فراوانی

بلا سے پیاس کی شدت ہو جان کی دشمن
جو اہل ظرف ہیں وہ مانگتے نہیں پانی

ہمیں سمجھتا نہیں کوئی اعتدال پسند
ہمارے نام کے آگے لکھا ہے طوفانی

سزا یہ ہے کہ ہمارا کہیں وقار نہیں
خطا یہ ہے کہ بھلا با شعارِ قرآنی

اس اعتماد سے بچنا ہمیں ضروری ہے
جس اعتماد نے توڑا غرورِ افغانی

ہمارے بچوں کو پڑھنے سے روک دیتی ہے
مدرسوں کی انا، مولوی کی مَن مانی

تھا لاجواب جہاں میں کبھی ہمارا کمال
ہے ان دنوں تو ہمارا زوال لاثانی

انہیں ملے بھی تو اعزاز کیا محافظ کا
جو اپنے گھر کی بھی کرتے نہیں نگہبانی

یہ پر مذاق تماشہ بھی سب نے دیکھ لیا
ہماری مشکل سے ہے اپنوں کو حیرانی

ہزار دامنِ دل کھینچتی رہے دنیا
نظر میں گورِ غریباں کی رکھئے ویرانی

عجیب تر ہے طریقِ حیات سازؔ اپنا
نہ ہم میں طرز فقیری نہ شانِ سلطانی

 
ہوئی فکر، سا … تر و تازہ
آ رہی ہے ہوا … تر و تازہ
شبنمی لمس پا کے پچھلی شب
بوٹا بوٹا ہوا … تر و تازہ
شہر میں چار سو ہے دھواں دھواں
میکدے کی فضا … تر و تازہ
دور ہی سے سہی کوئی جلوہ
دلکشا، خوشنما … تر و تازہ
زلف کھولے ہوئے وہ بیٹھے ہیں
اب اٹھے گی گھٹا … تر و تازہ
میری تطہیر چشم و دل کاسبب
روپ یہ آپ کا … تر و تازہ
عہد و پیماں ہوئے پرانے سب
پھر کوئی سلسلہ … تر و تازہ
ابن آدم سے آسماں والے
پھر ہوئی ہے خطا … تر و تازہ
چلی پروائی ساز یادوں کی
زخم دل کا ہوا … تر و تازہ

 
وہی اقدام فرسودہ، بیسود تدبیریں
تو آخر کس تعلق سے بدل  سکتی ہیں تقدیریں

نئے قرطاس، روشن حرف، ہوں رنگیں تصویریں
پڑھے گا کون خستہ کاغذوں کی خشک تحریریں

اندھیرے راستے میں جس کو روشن کر گیا کوئی
نچھاور اس دئیے کی روشنی پر ساری تنویریں

ہماری زندگی میں کوئی بھونچال آ نہیں  سکتا
اگر ہلتی نہیں ہیں گھر کے دروازے کی زنجیریں

تغیر سے چلا کیا کیا نہ تعمیرات کا جادو
نہیں بدلیں تو دنیا میں ہمارے گھر کی تقدیریں

زمانے سے اگر قدرِ وفا اُٹھتی ہے اُٹھ جائے
کسے فرصت جو یاں لکھے کتاب ِ دل کی تفسیریں

ہم ایسے سرفروشوں سے ابھی کالی نہیں دنیا
چلیں جس سمت میں تعظیم کو اُٹھتی ہیں شمشیریں

یہی شیوہ اگر ہے حکمرانوں کا تو کیا کہئے
ستم پرور کو اعزازات اہل حق کو تقریریں

سیاست وسعت و ظرف نظر سے منحرف نکلی
نہ عظمت اہل دانش کی نہ اہل فن کی توقیریں

اذانوں سے اُچٹ جائیں گی نیندیں اہل ثروت کی
خبر کیا تھی، سماعت پر گراں گزریں گی تکبیریں

جمالِ آگہی، سوزِ یقیں، عزم جہانگیری
خدا نے چھین لیں کس جرم میں ہم سے یہ جاگیریں

سمٹ آیا کوئی مرکز میں، صحرا میں، سمندر میں
مگر ہم لوگ جن کا کوئی حلقہ ہے نہ زنجیریں

ہمارے عہد کے رہبر کا سازؔ اللہ حافظ ہے
مسیحا خود اگر بیمار ہو تو کیسی تدبیریں

 
جلوہ گرِ صنم نے دیارِ حبیب سے
ملتے ہیں انقلاب کے رستے صلیب سے

جس غم سے سوزوسازِ محبت کو ربط ہے
وہ غم انہیں ملا ہے ہمارے نصیب سے

لوگوں نے سن لیا ہے اسے دور دور تک
آواز دینے والے نے دی ہے قریب سے

خود ہم نے اپنے طرزِ وفا کو بدل دیا
انداز دوستوں کے جو دیکھے عجیب سے

نیت پہ اعتبار نہیں شہریار کی
ہمدردیاں جتا تو رہا ہے غریب سے

مل جائے راستے میں تو ہنستے ہوئے ملو
بسی اتنی رسم و راہ روا ہے رقیب سے

یہ بات الگ ہے دی نہ اسے درد کی خبر
اے سازؔ دوستی تو رہی ہے طبیب سے
 
بغیر آب و دانہ ہیں، وفا ہم سے نہیں ہو گی
خداوند، تری حمد و ثنا ہم سے نہیں ہو گی
ہم اپنے جدِ اول حضرتِ آدم کے وارث ہیں
وہ پاگل ہے جو کہتا ہے خطا ہم سے نہیں ہو گی
جناب شیخ کی قربت سے روشن ہو گئیں آنکھیں
کہ رب تعظیم و دستار و قبا ہم سے نہیں ہو گی
ہنر یہ خنجر و تلوار کا ہم کو بھی آتا ہے
مگر یہ جان لو کہ ابتدا ہم سے نہیں ہو گی
طریق اپنا جدا ہے دوستو اہلِ طریقت سے
دکھاوے کی پرستش اور دعا ہم سے نہیں ہو گی
ہماری جاں نثاری پر انہیں شک ہے تو ہونے دو
بس اتنا جان لو کہ شکر کی دوا ہم سے نہیں ہو گی
ہر اک سختی ہمیں منظور قید و بند کی لیکن
گوارا زحمت زنجیر پا ہم سے نہیں ہو گی
یہی اک فرق ہے تو ہے ان کے اور اپنے مزاجوں میں
وفا ان سے نہیں ہو گی جفا ہم سے نہیں ہو گی
مجاہد کو اسلام اپنا عقیدت کا محبت کا
بھگوڑوں کے لئے کوئی دعا ہم سے نہیں ہو گی
عبادت کے عوض آسائشِ فردوس حاصل ہو
کبھی اے سازؔ ایسی التجا ہم سے نہیں ہو گی
 


حصار گیسوئے خمدار سے آگے نہیں جاتی
ہماری راہ کوئے یار سے آگے نہیں جاتی
نگہ، آواز، خوشبو، روشنی، بجلی، ہوا، بدلی
کوئی بھی شے تری رفتار سے آگے نہیں جاتی
چمن بھی ہے، ستارے بھی ہیں، جنت کی بہاریں بھی
مری خواہش تری دیوار سے آگے نہیں جاتی
بصیرت دیکھ آتی ہے مریمِ ناز کے جلوے
بصارت بزمِ نور و نار سے آگے نہیں جاتی
جہاں سردی کا یہ عالم کہ پانی برف ہو جائے
وہاں کشتی کبھی پتوار سے آگے نہیں جاتی
محبت کا قرینہ لازمی ہے حکمرانوں میں
کوئی سرکار اب تلوار سے آگے نہیں جاتی
گلی کوچوں میں بھی موجود ہیں صدہا گہر پارے
نگاہِ جستجو بازار سے آگے نہیں جاتی
قدیمانہ روش اے سازؔ اہل کفرِ و ایماں کی
قیودِ سجہ و زنار سے آگے نہیں جاتی



یہ زندگی ہے پیاری، آزار مت بناؤ
دُنیا تباہ ہو گی، ہتھیار مت بناؤ

ابن نسل کو سنوارو علم اور آگہی سے
ترشول مت بناؤ، تلوار مت بناؤ

تقسیم کی نحوست گھر کو سمیٹ دے گی
مل کر رہو، گھروں میں دیوار مت بناؤ

یہ لوگ چاہتوں کی بنیاد ڈھا رہے ہیں
یہ لوگ چاہتے ہیں کردار مت بناؤ

گجرات نے جہاں میں شرمندہ کر دیا ہے
آگے اب ایسی کوئی سرکار مت بناؤ

تعلیم ڈگریوں کی محتاج ہو گئی ہے
اخلاق مت سنوارو، اطوار مت بناؤ

جو کچھ بچ  سکے تو کل کے لیے بچا لو
خرچیلے اپنے اپنے تیوہار مت بناؤ
رہتا ہے زندگی میں مدو جزر ہمیشہ
اپنی انا کو وجہِ تکرار مت بناؤ

آخر کشادگی بھی لوگوں کو ہے ضروری
یارو گلی گلی میں بازار مت بناؤ

گھر سے نکل نہ پائے دو گام مل نہ پائے
اتنا بھی آدمی کو لاچار مت بناؤ

اے سازؔ شاعری ہے گھاٹے کا ایک سودا
بچوں کو اپنے جیسا فنکار مت بناؤ

 

کون بتائے کس تعلق سے دل کی گہرائی سے
اک نغمہ سینے سے نکلا، اک نغمہ شہنائی سے
ایک منیش اس پہلو پر غور کریں دانائی سے
گاؤں میں غربت بڑھتی ہے شہروں کی مہنگائی سے
وہ بونے جن کا کل رقبہ نہیں زیادہ رائی سے
اپنے قد کو ناپ رہے ہیں پربت کی اونچائی سے
بارش کی تیزی نے کتنے گھر کے نقشے بدل دئیے
اور ملی کتنوں کو راحت موسم کی انگنائی سے
وہ خود حاکم کی گردن کا پھندہ بن  سکتی ہیں
جو بیلیں پروان چڑھیں حاکم کی انگنائی سے
مجھ کو باغی کہہ کر اس نے ڈال دیا ہے زنداں میں
میں نے لوگو جینا چاہا دنیا میں دانائی سے
ہے یہ کیسا کال کہ اپنا پوچھنے والا کوئی نہیں
چیزوں کی مہنگائی اچھی چاہت کی مہنگائی سے
شہروں کے اس شور میں ان کو سننے والا کون بھلا
ہم نے کچھ نغمے چن لائے جنگل کی تنہائی سے
مانو میں جو گہرائی ہے اس کا ہے ادراک کسے
دنیا تو اے سازؔ واقف ساگر کی گہرائی ہے
 

رات گلکاریوں کی گئی تو گئی
رُت وہ بیداری کی گئی تو گئی

اب کنارے پہ بیٹھے رہو سوچ میں
موج سرشاریوں کی گئی تو گئی

سلطنت مٹ گئی، شاہ تنہا رہا
فوج درباریوں کی گئی تو گئی

ایک جیسا کبھی وقت رہتا نہیں
دھوم تاتاریوں کی گئی تو گئی

گاؤں کی لڑکیاں گڑگڑاتی رہیں
آن بیچاریوں کی گئی تو گئی

سازؔ کونے میں اِک راکھ کا ڈھیر ہے
آنچ چنگاریوں کی گئی تو گئی
 
ہم جو گردش کے مارے ہوئے ہیں
کچھ تو ان کے اشارے ہوئے ہیں

موت کا غم نہیں، غم یہی ہے
ہائے کب بے سہارے ہوئے ہیں

کارگر کیا دوا کوئی ہو گی
تیری آنکھوں کے مارے ہوئے ہیں

بدگمانوں سے کیا لینا دینا ؟
دوستی میں خسارے ہوئے ہیں

میں انہیں خوب پہچانتا ہوں
روپ وہ جو بھی دھارے ہوئے ہیں

کم نہیں ہے جہنم سے دنیا
کیسے کیسے نظارے ہوئے ہیں

تم ہی تم تھے ہماری نظر میں
کیا زمانے گزارے ہوئے ہیں
 
بڑھتے رہے جو تیز ہواؤں کے ساتھ ساتھ
وہ آج چل رہے ہیں قدم ناپتے ہوئے

میں شاد ہوں یوں ہی کہ مرے گھر کی آگ سے
بیٹھے ہیں لوگ ہاتھ اگر ناپتے ہوئے

میں نے قلم سے لکھا ہے تلوار سے نہیں
کیوں ڈر رہے ہو میرا بیاں چھاپتے ہوئے

اک لفظ دوریوں کا سبب بن کے رہ گیا
پھر اس کے بعد ان سے کہاں رابطے ہوئے

اللہ! اک حسین صلے کی اُمّیدیں
گزری حیات نام ترا جاپتے ہوئے

میں تو بلندیوں کی حدیں پار کر گیا
الجھے رہے وہ میری غزل ناپتے ہوئے
***
 
***
شاعر کی اجازت سے اور ڈاکٹر شرف الدین دساحل کے تشکر کے ساتھ جنہوں نے فائل عطا کی

انپیج سے تبدیلی، پرو ف ریڈنگ، ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید