﻿


انتخاب ساغر نظامی




جمع و ترتیب: مبارز کاشفی










یہ نہیں اصلِ گلستاں، حاصلِ گلستاں ہے اور
جوشِ بہار پر نہ جا، مرحلۂ خزاں ہے اور

شاخ پہ کھِل کے ٹوٹنا، پیشِ نسیم لوٹنا
قسمتِ یاسمن ہے اور، طاقتِ باغباں ہے اور

حجلۂ یاسمن کہاں ، خار و خسِ چمن کہاں
برق و شرر کو لاگ ہے، جس سے وہ آشیاں ہے اور

دیر و حرم میں سر جھُکے، سر کے لئے یہ ننگ ہے
جھُکتا ہے اپنا سر جہاں، وہ در و آستاں ہے اور

قطعِ تعلقات بھی، قیدِ تعلقات ہے
توڑ کے رشتۂ وفا، مجھ سے وہ بدگماں ہے اور

دل سے چھپا چھپا کے یوں، آپ کو پوجتے ہیں ہم
جیسے بجائے دل کوئی عشق میں راز داں ہے اور

علمِ نِکاتِ زندگی، ضبطِ کمالِ آگہی
فطرتِ راز جُو ہے اور، منصبِ راز داں ہے اور

راہ جدا، سفر جدا، رہزن و راہبر جدا
میرے جنونِ شوق کی منزلِ بے نشاں ہے اور

ایک سفیرِ احتساب، ایک نفیرِ انقلاب
نعرۂ شیب ہے جُدا، نغمۂ نوجواں ہے اور

کشمکش خیال میں قطع سفر ہی ہو نہ جائے؟
کوششِ راہبر نہ دیکھ، جذبۂ کارواں ہے اور

ایک نوائے سوز و رَم ، ایک میں سوزو نم، نہ رَم
نغمۂ قدسیاں ہے اور نالۂ خاکیاں ہے اور

لذتِ درد کے عوض، دولتِ دو جہاں نہ لوں
دل کا سکون اور ہے، دولتِ دو جہاں ہے اور

ساغر مست اُٹھ کے خود، قبلِ سحر اُنڈیل لے
تیرے سُبو میں کچھ ابھی بادۂ ارغواں ہے اور!
٭٭٭


مکالمۂ ساقی و سَاغر

 (در بابِ رحلتِ علامۂ اقبال رحمۃ اللہ علیہ)

ساغر

    کیا ہوا رندِ بلانوش تمام اے ساقی
    کیوں کھنکتے نہیں اب ساغر و جام اے ساقی

    عرق آگیں ہے یہ کیوں وقت سحر کا مکھڑا
    خاک آلود ہیں کیوں گیسوئے شام اے ساقی

    نہ ہے پیمانے میں پرتَو نہ مرے ساغر میں
    کیا ہوا آج ترا ماہِ تمام اے ساقی

    جیسے رہرو کسی کھوئی ہوئی شے کو ڈھونڈے
    ہے کچھ ایسا ترا اندازِ خرام اے ساقی

    خمِ مشرق میں سہی بادۂ رنگیں باقی
    مَے اقبال تھی پھر حاصلِ جام اے ساقی

    روحِ اقبال تھی سرشار مَے کیفِ ازل
    مجھ سے کافر کو نہیں اس میں کلام اے ساقی

    مدفنِ شب ہے سحر، مقبرۂ روز ہے شام
    کیا یہی ہے تری دنیا کا نظام اے ساقی

    یہی انجام ہے گر میکشی و مستی کا
    تیرے میخانے کو میرا بھی سلام اے ساقی

    صبح محشر سے ادھر کھل نہ سکے گا گویا
    اس طرح بند ہے دروازۂ عام اے ساقی

    رہ گیا تھا یہی اک رند سبو کش باقی
    نامۂ مرگ نہ آیا ترے نام اے ساقی

    کیا ہے عالم کی تباہی میں کلام اے ساقی
    کر دے خم زار کو غرق مے و جام اے ساقی

    خام ہے خام ہے قدرت کا نظام اے ساقی



جوابِ ساقی

    جوشِ غم میں یہ ترا طرزِ کلام اے ساغر
    مرحبا، لے یہ چھلکتا ہوا جام اے ساغر

    مہرِ تخلیق ہو یا مرحلۂ مرگِ حیات
    مجھ سے پوشیدہ نہیں کوئی مقام اے ساغر

    چشمِ مُردہ میں حیاتِ ابدی نیستی ہے
    مرگِ میخانہ تو ہے عمرِ دوام اے ساغر

    نغمۂ قلقلِ مینا ہے فضا میں محفوظ
    کہیں مرتے ہیں کلیم اور کلام اے ساغر

    جس کی پرواز تخیل تھی فضا بوس فلک
    اب وہی عرش پہ ہے محوِ خرام اے ساغر

    خاکِ اقبال کا ہر ذرہ ہے میخانہ بدوش
    خم بہ خم، بادہ چکاں، جام بہ جام اے ساغر

    شعر اس کا ہے زمانے کو پیامِ ابدی
    اس نے قایم کیا شاعر کا مقامِ ابدی

    جاوداں ہے مرے ہستوں کا امام اے ساغر



    جواب الجواب

    جسے کہتے ہیں ابد، تیرے عوام اے ساقی
    ہے وہ اقبال کی دُزدِ تہِ جام اے ساقی

    لا صراحی و سبو و مَے و جام اے ساقی
    آج ڈھانا ہے مشیت کا نظام اے ساقی

    تلخ تر موت سے بھی ہاں کوئی جام اے ساقی
    موت بھی اصل میں ہے بادۂ خام اے ساقی

    گر پڑی آج کلیدِ در میخانہ کہیں
    تیز تر ہے ترا اندازِ خرام اے ساقی

    ڈھالتا جا مگر اتنا تو بتا دے مجھ کو
    کن عناصر سے ہے ہستی کا قوام اے ساقی

    سقفِ میخانہ سے عالم میں‌منادی کر دے
    غمِ اقبال میں پینا ہے حرام اے ساقی

    تجھے معلوم نہیں اس کا مقام اے ساقی
    دو جہاں کیف میں تھے اس کے غلام اے ساقی

    طائرِ قدس تھا مرغِ تہِ دام اے ساقی
٭٭٭



    معاہدات


    سرِ شوق پیہم جھکاتا رہوں گا
    بہ ہر گام کعبہ بناتا رہوں گا

  یہ بادِ مخالف سے ہے شرط میری
    چراغ اپنے خود ہی بجھاتا رہوں گا

    ہے برق و شرر سے مرا عہد نامہ
    کہ خود اپنے خرمن بتاتا رہوں گا

    شبِ تار سے میں نے وعدہ کیا ہے
    اندھیرے کو مشعل دکھاتا رہوں گا

    زباں دی ہے خونخوار موجوں کو میں نے
    کہ طوفاں میں بھی مسکراتا رہوں گا

    گزرتا رہے گا مرے سر سے طوفاں
    میں موجوں کا بربط بجاتا رہوں گا

    کیا ہے تباہی سے یہ عہد میں نے
    کہ تعمیرِ ہستی کو ڈھاتا رہوں گا

    یہ سازِ مشیّت سے پیماں ہے میرا
    مصیبت میں بھی گنگناتا رہوں گا

    ہے تقدیر دامن کی صد چاک ہونا
    میں دامن کو کب تک بچاتا رہوں گا

    حقیقت کے رخ سے، حقیقت کے رُخ پر
    حجابِ توہّم گراتا رہوں گا

    تغّیر کا جھنڈا نہ لہرائے جب تک
    بغاوت کے پرچم اُڑاتا رہوں گا

    ہیں جنبش میں آویزۂ تاک جب تک
    میں پیتا رہوں گا، پلاتا رہوں گا

    مرے دم میں دم ہے تو ساغر ابد تک
    پلاتا، لنڈھاتا، بہاتا رہوں گا
٭٭٭




وہ میرا جانِ ہر محفل کہاں ہے
نگاہِ شوق کی منزل کہاں ہے

ستارو، تم نے دیکھا ہو تو لادو
مری اُمید کا حاصل کہاں ہے

مرا آنسو سہی انمول موتی
تمہارے ہار کے قابل کہاں ہے

تمہارا حُسن میرے دل کی منزل
تمہارے حُسن کی منزل کہاں ہے

ہے میخانہ حقیقت ہی حقیقت
یہاں بحثِ حق و باطل کہاں ہے
٭٭٭


قوم کیوں اِس دَور میں آسودۂ منزل نہیں
میں بتا دوں پہلے دل پہلو میں تھا، اب دل نہیں

وہ کرم جس میں ترا لطف ستم شامل نہیں
کیوں گوارا ہو کہ ہم رنگِ مذاقِ دل نہیں

رونقِ محفل اگر کچھ ہے تو پروانوں سے ہے
شمع کا جلنا فروغِ گرمیِ محفل نہیں

نا شناسِ نفس کی کیا ابتدا، کیا انتہا
زندگی بے سود ہے، مرنے سے کچھ حاصل نہیں

ہوں بہت مجبور مجھ کو دے نہ الزام فغاں
میرے بس میں جذبۂ بے اختیارِ دل نہیں

دیکھنے والے! ذرا اس کے کرم کی شان دیکھ
اُس سے تو غافل ہے لیکن تجھ سے وہ غافل نہیں
٭٭٭



ہم نہ کہتے تھے اسیر گلستاں یاد آئے گا
صبر کر صیاد اب رونے سے کچھ حاصل نہیں

ناخدا پہنچے گی ساحل پر نہ کشتی ، کیا کہا؟
ناخدا ہی تو خدائے کشتی و ساحل نہیں

دیکھتا ہوں جس کو آتا ہے نظر قاتل مجھے
کیا خدائی میں کوئی میرے سوا بسمل نہیں؟

تجھ کو کیا معلوم انجامِ شکستِ آرزو
تو خدا رکھے ابھی فطرت شناس دل نہیں

شاکر تقدیر ہوں، کنج قفس میں شاد ہوں
گو قفس کی تیلیوں کا توڑنا مشکل نہیں

خوں چکا، غرقِ تمنا، زار سا، بیمار سا
آپ اس کو کیا بنا لائے ، یہ میرا دل نہیں

تم بلاؤ بھی تو کہنے حالِ دل آتا ہے کون؟
اب نیازِ عشق بزم ناز کے قابل نہیں

تجھ سے کچھ مانگا تو کیا مانگا، ملا تو کیا ملا
جو تجھ ہی کو مانگ لے ایسا کوئی سائل نہیں

ہم تو مل جل کر اگر چاہیں ہلا دیں عرش کو
اتحادِ باہمی تو ہے مگر کامل نہیں

حل مشکل کا نہیں احساس اگر اُس کو، نہ ہو
یہ بھی کیا کم ہے کہ وہ ناواقف مشکل نہیں

وہ سوالِ لطف پر پتھر نہ برسائیں تو کیوں
اُن کو پروائے شکستِ کاسۂ سائل نہیں

تن دہی نے کام کو کس درجہ آساں کر دیا
ہم جسے مشکل سمجھے تھے وہ اب مشکل نہیں

تیرے گھر سے ہے غرض، کعبہ کی پھر تخصیص کیوں
کیا میسر میرے سجدوں کو حریمِ دل نہیں؟

میں بھی اے ساغر نصیبوں کی طرح چکر میں ہوں
شمعِ محفل ہی اسیرِ گردشِ محفل نہیں
٭٭٭






کچھ دور نہیں ہے وہ زمانہ
بجلی ہوگی نہ آشیانہ

محکم ہے یہ عزمِ باغیانہ
یا میں نہیں یا نہیں زمانہ

بجلی جو گری تو غم نہ کیجے
سو بار بنے گا آشیانہ

پرواز کر اے اسیرِ گلشن
ہر شاخ ہے تیرا آشیانہ


(ق)

تخریب مری جنونِ تعمیر
تعمیر مری مدافعانہ

بُنیادِ حیات رکھ رہا ہوں
تخریب تو ہے فقط بہانہ

تعبیر نہیں ہے عصر سے تو
ہے تیرے وجود سے زمانہ

اے جذبۂ تشنگی کے دشمن
حسرت بھی ہے اک شراب خانہ

پھر ذوقِ نظر ہوا ہے گستاخ
ہاں کوئی نگہ کا تازیانہ

اُس مستِ خرام کی نہ پوچھو
چلتا پھرتا شراب خانہ

ہے اصل صداقتوں کی اتنی
نکھرے ہوئے جھوٹ کا فسانہ

سوتا مجھے دیکھ کر مسلسل
چُپکے سے گزر گیا زمانہ
٭٭٭






ترے نام پر نوجوانی لُٹا دی
جوانی نہیں زندگانی لُٹا دی

یہاں عشرتِ زندگانی لُٹا دی
وہاں دولتِ جاودانی لُٹا دی

تقاضہ، تقاضہ، مقدّر، مقدّر
جوانی نے خود ہی جوانی لُٹا دی

بہ ہر کو بہارے، بہ ہر سو نگارے
نگاہوں نے اپنی جوانی لُٹا دی

یہ اک روز مٹتی، یہ اک روز لُٹتی
یہ اک چیز تھی آنی جانی لُٹا دی

جوانی کے لُٹنے کا غم ہو تو کیوں ہو
جوانی تھی فانی، جوانی لُٹا دی

خرد کو یہ ضد تھی نہ لٹتی یہ دولت
اسی ضد پہ ہم نے جوانی لُٹا دی
وہ گلیاں ابھی تک حسیں و جواں ہیں
جہاں ہم نے اپنی جوانی لُٹا دی

محبّت میں ہم اور کیا کچھ لُٹاتے
متاعِ غرورِ جوانی لُٹا دی

جوانی نے بڑھ کر محبّت کو لوٹا
محبّت نے ہنس کر جوانی لُٹا دی

درِ خُمستاں سے جوانی ملی تھی
درِ خمستاں پر جوانی لُٹا دی


جو مل جائے تو عمرِ رفتہ سے پوچھوں
یونہی لُٹ گئی یا جوانی لُٹا دی

جو ساقی نے ہنس کر کبھی جام بخشا
تو ساغر نے اُٹھ کر جوانی لُٹا دی
٭٭٭



طاقِ حرم و کُرسی و منبر سے گزر جا
دیوار سے، محراب سے اور در سے گزر جا

دُنیا ہو کہ عقبیٰ ہو، جہنّم ہو کہ جنّت
ہر جادۂ و ہر منزل و ہر در سے گزر جا

ہر گام پہ قزّاق ہیں، ہر موڑ پہ رہزن
بچنا ہے تو جذبات کے محشر سے گزر جا

غم بھی کوئی منزل ہے رہِ عشق و جنوں میں؟
آلام کے موّاج سمندر سے گزر جا

سایہ ہے تخیّل کا توہم کا ہے پرتو
نیکی سے گزر، کارگہہ شر سے گزر جا

تو مشعلِ جادیدِ رہِ ہستی و مستی
حدّ اثرِ ہادیِ و رہبر سے گزر جا

کوئی تری منزل نہیں اے جلوۂ رعنا
چشم و نگہ و ناظر و منظر سے گزر جا

کب تک نگہِ ساقیِ کمسن کی غلامی
میخانۂ و جام و مئے و ساغر سے گزر جا

فطرت تری طوفان، طبیعت تری سیلاب
ہر گوشۂ پیمانہ و ساغر سے گزر جا

یہ بھی تری منزل نہیں اے مردِ مسافر
حیرت کدۂ گنبدِ بے در سے گزر جا

مستی ہے تو ہستی ہے، جنوں ہے تو فسوں ہے
موقع جو ملے، پیشیِ داور سے گزر جا

اس بھیڑ میں کیوں تیرے قدم اُٹھ نہیں سکتے
منظر سے نہیں تو پسِ منظر سے گزر جا
٭٭٭




ہے کمالِ رقصِ صوفی بھی نشاطِ پادشاہی
بڑی مدّتوں میں ٹوٹا، یہ فریبِ خانقاہی

یہی میری آدمیّت کی دلیلِ برتری ہے
کہ لگا نہیں جبیں پر کبھی داغِ بےگناہی

مجھے کیوں ہو فکرِ شاہد کہ معاملہ ہے روشن
میں تری کھُلی شہادت، تو مری کھُلی گواہی

ہے عجیب لا اُبالی، مرا مسلکِ جنوں بھی
نہ اصولِ پاکبازی، نہ شعارِ بے گناہی

مری زندگی میں ساغر وہ بلا کا بانکپن ہے
نہ اطاعتِ اوامر، نہ پرستش نواہی
٭٭٭





دل سے بھی غمِ عشق کا چرچا نہیں کرتے
ہم ان کو خیالوں میں بھی رسوا نہیں کرتے

آنسو کو گہر، بوند کو دریا نہیں کرتے
طوفانِ غمِ دوست کو رسوا نہیں کرتے

ہم ان سے ستم کا بھی تقاضا نہیں کرتے
احساسِ کرم حسن میں پیدا نہیں کرتے

آنکھوں سے بھی ہم عرضِ تمنّا نہیں کرتے
خاموش تقاضا بھی گوارا نہیں کرتے

میں کانپ اُٹھا کیف سے اے پیکرِ نازش
اس تشنگیِ شوق سے دیکھا نہیں کرتے

اللہ رے اندیشۂ انجامِ تمنّا
ہم ان کے تقاضوں کی بھی پروا نہیں کرتے

منظور سہی از سرِنو دل کی تباہی
پر بزم میں یوں ہاتھ دبایا نہیں کرتے

سجدہ بھی ہے منجملۂ اسبابِ نمائش
جو خود سے گزر جاتے ہیں سجدا نہیں کرتے

جو کو ہے تری ذات سے یک گونہ تعلّق
وہ تیرے تغافل کی بھی پروا نہیں کرتے
٭٭٭



بلبل باغ حسن ہوں، نغمے کو ناز کیوں نہ ہو
میری نوائے عیش میں ساز ہی ساز کیوں نہ ہو

دل ہے جہانِ عاشقی، درد ہے کائناتِ حسن
دل کا ہر ایک اضطراب درد نواز کیوں نہ ہو

آپ جہانِ حُسن میں حُسن کے بادشاہ بھی ہیں
ناز بجا ہے آپ کا، آپ کو ناز کیوں نہ ہو

سجدۂ مے پرست پر ہوتی ہے بارشِ کرم
ساغرِ میکدہ نشیں، محوِ نماز کیوں نہ ہو
٭٭٭

ٹائپنگ: اردو محفل کے رکن کاشفی
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
