﻿



پِچھلی رُت کا ساتھ تمہارا







عتیق الرحمن صفیؔ


 



 
پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا
 تبصرہ نگار  :  ڈاکٹر انور سدید
(7 ستمبر 2003  نوائے وقت سنڈے میگزین)

	عتیق الرحمن صفی اردو شاعری کے میدان میں نووارد ہیں۔
 ’’پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا‘‘ ان کی شاعری کی پہلی کتاب ہے جس میں غزلیں اور نظمیں شامل ہیں۔ کتاب کی پشت پر ان کی جو تصویر چھپی ہے اس میں ان کی آنکھیں زمانے کو حیران نظروں سے دیکھ رہیں ہیں۔ یہ حیرانی ان کی شاعری میں ’’دیدۂ ویران‘‘ بن گئی ہے۔ عتیق الرحمن صفی کا شعری سفر زندگی کے داخلی مشاہدے اور اس کے خارجی اظہار کی صورت میں ارتقا کی طرف مسلسل بڑھ رہا ہے۔ وہ کسی ایک نقطے پر جامد ہونے کی بجائے ارتقاء کا اگلا قدم بڑھانے کے آرزو مند نظر آتے ہیں۔ ان کے استاد فیض الحسن ناصرؔ نے انہیں ایک رومانوی شاعر قرار دیا ہے۔ تاہم وہ خوابوں میں ہچکولے لینے کی بجائے تعبیروں کو روبہ منظر لانے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔ مجھے توقع ہے کہ انہوں نے شاعری کا سلسلہ جاری رکھا تو وہ مستقبل کو کامیابی سے سر کر لیں گے۔

 
تعارف

نام:	 	    عتیق الرحمن صفیؔ	    ولدیت:         چودھری تصدق حسین
پیدائش: بمطابق سرکاری کاغذات 7 جنوری 1972ء
                     بمطابق درست خاندانی روایت 22 فروری 1971	
مقامِ پیدائش:	گجرات پاکستان	   تعلیم:	   گریجوایشن	
ادبی سفر کا آغاز:	1992ء
اصنافِ ادب:	شاعری میں غزل، نظم، قطعات
		نثر میں مضامین، کالم، خاکے
مطبوعہ کتب:	پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا   		(شاعری)
زیر طبع کتب:	 1 ۔	 کچھ باتیں سیدھی سادی سی 	 (مضامین)
		2۔	کالموں کا مجموعہ
		3۔	رتجگوں کے درمیاں  		(شاعری)
		4۔	میری سوچ کے ساحل پر	(قطعات)
		5۔	ہاتھ میرا تھام لو		(منتخب شاعری)
ادبی مصروفیات:	نائب صدر ادبی تنظیم    (فروغِ سخن گجرات)	
صحافتی مصروفیات:	بیورو چیف (www.topurdu.com)   رائٹرز پینل آف پاکستان
پیشہ:		ایریا منیجر (فارماسیوٹیکل کمپنی)
خط و کتابت کا پتہ:	عتیق الرحمن صفیؔ ۔ ہاؤس نمبر B-13/1700						فتو پورہ بن گجرات سٹی پاکستان
ٹیلی فون نمبر:	092-53-3512161 0    موبائل نمبر:0333-8409190
                             		                                0300-8725445   
ای میل		ar_saffy@hotmail.com,  ar_saffy@yahoo.com
		

 
انتساب

خانۂ کعبہ میں مانگی ہوئی 
دعا کے نام
 

ہر درد سِوا ہو جاتا ہے
محشر سا بپا ہو جاتا ہے
اک یاد کے دل میں آتے ہی
دل کیا سے کیا ہو جاتا ہے
 

چھلانگ، پھلانگ

	آپ کو یقیناً کسی ادبی کتاب کے دیباچے کا یہ عنوان عجیب سا لگ رہا ہو گا مگر بغیر چلے ہوئے کسی فاصلے کو عبور کر لینے کو میں اور کیا نام دوں۔ زمین پر رینگ رینگ کر آگے بڑھنے والوں کے مقابلے میں ایک ہی جست میں آگے نکل جانے والے یقیناً با ہمت لوگ ہوتے ہیں۔ ریاضت کیلئے سب کا نصاب یکساں تو نہیں ہو سکتا۔ میں بہر حال اس دیباچے کو مندرجہ بالا عنوان دینے کیلئے خود کو حق بجانب سمجھتا ہوں۔
	عتیق الرحمن صفیؔ کا یہ شعری مجموعہ مہارتِ فن کی وہ نشانیاں اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے جو بعضوں کو عمر بھر اس دشت کی سیاحی کے بعد بھی حاصل نہیں ہوتیں۔ سچا اور کھرا فنکار تخیل اور اظہار کی قوت سے مالا مال ہوتا ہے۔ گردو پیش کے حالات اس کو متاثر کرتے ہیں اور جذبوں کی آندھیاں اسے اپنے ساتھ اُڑائے لئے پھرتی ہیں۔ مجھے تو ایسا لگا جیسے صفیؔ کناروں سے بہہ نکلنے والا دریا ہو۔ جس نے اُمڈ پڑنے کی پہلے سے کوئی منصوبہ بندی تو نہ کی ہو مگر اس سے یہ سب کچھ خود بخود سرزد ہو گیا ہو۔ پیار، محبت ، ہجر، فراق، کسک، کرب، دیوانگی اور والہانہ پن وجود کے اندر موجود ہو تو اسے ابل پڑنے کیلئے کوئی نہ کوئی راستہ تو مل ہی جاتا ہے۔ نثر پارے بے نام جذبوں اور کیفیتوں کو کوئی نام دینے سے قاصر رہتے ہیں جب کہ شاعری ان کہی باتوں کو بھی کہہ لینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ 
	’’پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا‘‘ ایک نئے لب و لہجے کی دستاویز ہے جس کے الفاظ ٹہنیوں پر بیٹھے ان پرندوں کی چہچہاہٹ معلوم ہوتے ہیں جو رُت کے بدلنے کا پیغام دے رہے ہوں۔  وصال جب یاد بن جائے تو گم گشتہ آسودگی آنسو بن کر آنکھ سے ٹپک پڑتی ہے۔ نغمے، نوحے بن کر دل کو لہو کر دیتے ہیں۔ کھلی آنکھوں سے باہر کی دنیا کو دیکھنے کی بجائے آنکھیں بن کر کے اندر کی دنیا کو دیکھنا پڑتا ہے۔وہی لمحہ بشر کے ذہن پر راسخ ہو کر دوسروں کے دل کی بھی آواز بن جاتا ہے جسے ایک سچے لکھاری نے محسوس کر کے قلمبند کیا ہو۔
	صفیؔ کی غزلیات محبت کی منہ بولتی تصویریں ہیں۔ اوائل عمری کے تجربات اپنے نقوش پا کی زبان سے ہمکلام ہوتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ محبت کی مکمل تصویر دیکھنا ہو تو ان کی نظم ’’محبت‘‘ کا مطالعہ کیجئے۔ اس لق و دق صحرا کو اپنے مختصر سے دامن میں کس طرح سمو لیا ہے، داد دیے بغیر نہیں رہا جا سکتا۔
	میں اس شعری مجموعے کی آمد پر دل و جان سے انہیں مرحبا کہتا ہوں مگر میرا خیال ہے کہ وہ اس سے اگلے مراحل بھی اسی رفتار سے طے کر لیں گے جو اب اُن کا طرۂ امتیاز بن چکا ہے۔ خوشبو میں قلم ڈبو کر لکھنے سے جو فرحت و تازگی شاہ پاروں سے جھلکتی ہے وہی دلوں کی دنیا کو آباد رکھنے کا سبب بھی بنتی ہے۔ یہ عنصر میں نے صفیؔ کے کلام میں غول در غول دیکھا ہے تبھی تو مجھے توقع ہے کہ ان کی سخنوری کا یہ دشتِ غزالاں قائم و دائم رہے گا اور ہزاروں چھلانگ اور پھلانگ کے مناظر دیکھنے کو ملتے رہیں گے۔
				پروفیسر سیف الرحمن سیفیؔ
				(وزیر اعظم ادبی ایوارڈ یافتہ)
 
اُبھرتا ہوا رومانوی شاعر

	شاعری کے بنیادی طور پر دو اجزا ہوتے ہیں۔ ایک کیا کہا گیا ہے (معنویت) اور دوسرا کیسے کہا گیا ہے (لفظیت) دونوں اجزا ایک دوسرے میں ایسے پیوست ہوتے ہیں کہ انہیں جدا نہیں کیا جا سکتا یعنی لاینفک اور اٹوٹ ہوتے ہیں۔ تفصیل میں جائیں تو پابند شاعری میں موزونیت اور قافیہ ہونا لازمی ہے۔ مزید برآں شاعری محاسنِ سخن سے متصف، معائبِ سخن سے پاک اور صنائع بدائع سے پُر ہونی چاہئے ۔ نیز سادگی، اصلیت اور جوش بھی شاعری کے لوازمات میں شامل ہیں۔ شاعری محاکات، جمالیات، زبان و اسلوب کی نزاکت، تخیل وجدان، مبالغہ، ایجاز، بلاغت اور فصاحت وغیرہ کی بھی متقاضی ہے۔
	عتیق الرحمن صفیؔ کی شاعری میں گم گشتہ محبت کی حسین وارداتیں اور والہانہ عشق کے کافرانہ انداز ملتے ہیں جو رومانوی شاعری کے دبستان میں نہ صرف بے باکی کا اظہار کرتے ہیں بلکہ ان کے جذبات کی بھر پور عکاسی بھی کرتے ہیں۔	
ان گنت عذاب ہیں رتجگوں کے درمیاں
درد بے حساب ہیں رتجگوں کے درمیاں
کیا بتاؤں حال میں اس کو اپنے درد کا
وحشتوں کے باب ہیں رتجگوں کے درمیاں
ایک غم چلا گیا دوسرے نے آ لیا
سلسلے شتاب ہیں رتجگوں کے درمیاں
مری مشکل اگر آساں بنا دیتے تو اچھا تھا
لبوں سے لب دمِ آخر ملا دیتے تو اچھا تھا
	ان کے خیالات و جذبات کے خد و خال ابھی نشوونما کے مراحل میں ہیں۔ اُمیدِ واثق ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ان میں مزید نکھار پیدا ہو گا اور ابلاغ بڑھے گا۔
	ان کی بعض نظمیں فکر انگیز ہیں جیسے  ’’ اے میرے رہبرو‘‘
اس وطن کے عدو
ہر طرف چار سو
آج موجود ہیں
جن کے ہاتھوں پہ ہے 
اہلِ دانش کا خوں
اب بھری بزم میں 
خوش بیاں خوش نظر
آج منظر نہیں
سو یہ امکان ہے
یوں ہی مٹتے رہے
پیار کے چارہ گر
اہلِ علم و ہنر
آدمی معتبر
خوش بیاں خوش نظر
کون لائے گا پھر
تیرگی چیر کر
جھلملاتی سحر
اے مرے رہبرو
وقت ہے سوچ لو
ظلم انسان پر
یوں جو ہوتا رہا
ہوگا منظر یہی
ہر طرف چار سُو
بے اماں زندگی
بے یقیں آبرو

	اﷲ کرے زورِ قلم اور زیادہ (آمین)
	
					    فیض الحسن ناصرؔ

 
تمہارے لفظ خوشبو ہیں

	جب کسی عالی ظرف انسانی کی زندگی حادثاتِ زمانہ کی چکی میں پس کر استقلال کے گوہرِ مراد کو دامن میں سمیٹے کامیاب کے راستے پر سفر کرتی ہے تو ایسے حقائق سے آشنا ہو جاتی ہے جو انسان کی رفعتوں کی ضمانت بن جاتے ہیں۔ ان راہوں پر چلتے چلتے اسے غیروں کے سلوک پر اتنی حیرت نہیں ہوتی جس قدر اپنوں کی بے رُخی اور بے اعتنائی اس کیلئے تکلیف دہ ہوتی ہے۔ اپنوں کی یہی گریز پائی، ایک مستقل دکھ بن کر اس کی سانسوں میں اس طرح رچ بس جاتی ہے کہ دنیاوی رفعتوں کو حاصل کر لینے کے باوجود اسے غم اور زندگی میں فرق محسوس نہیں ہوتا۔
	جنابِ صفیؔ کا پہلا شعری مجموعہ   ’’ پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا‘‘ انتظار، عشق کی نارسائی اور کسی اپنے کی کج ادائی کے بیان کے ساتھ ساتھ غم و آلام کا ایسا مجموعہ ہے جس میں نہایت سادگی، سلاست اور روانی کے ساتھ محبت کے پاکیزہ جذبے کو شعروں کے قالب میں ڈھالا گیا ہے۔ وصالِ یار کی راحت سے فراقِ یار کی اذیتوں تک اور یادوں کی کہکشاؤں سے سفرِ زندگی کی ایذاؤں تک کا ذکر بھی بہت منفرد ہے جو ایک طرف تو ان کی فنکارانہ پختگی کا ثبوت ہے اور دوسری طرف ان کے وسیع مشاہدے اور مؤثر اندازِ بیان کا بھی عکاس ہے۔ ان کے جذبات، احساسات اور تخیل میں، ایک با وفا شخص کی طرح مستقل انتظار کا جذبہ بہت مضبوط اور مستحکم نظر آتا ہے کیونکہ وہ اس چیز سے آگاہ ہیں کہ فراموشی کی دیمک محبت کے تناور درخت کو اندر ہی اندر سے اس طرح کھوکھلا کرتی ہے کہ اس کا وجود مکمل طور پر مٹ جاتا ہے اور محبت کی موت آپ کو کسی طور بھی قبول نہیں۔ اس لیے زندگی میں نظر آنے والا ہر منظر آپ کے زخموں کی آبیاری کرتا ہے اور زندگی کے دریچوں میں یادوں کے ایسے چراغ روشن کرتا ہے جن کی روشنی میں آپ اپنے محبوب کو بڑی آسانی سے دیکھ لیتے ہیں۔
کبھی اٹکھیلیاں کرتے سمندر کے کنارے پر
میں دیکھوں جب کوئی چنچل مجھے تم یاد آتے ہو
	یا اُن کا یہ شعر ان کے اس ادراکِ حقیقت کو اور بھی سامنے لا رہا ہے کہ اپنوں کے لگائے ہوئے زخم بھی عزیز تر ہوتے ہیں کیونکہ ’’وفا تو ہوتی ہی بے وفا سے ہے‘‘۔  
کوئی اپنا ہزاروں طرح بھی صفیؔ
وار دل پر کرے پیار مرتا نہیں
کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جن کا خمیر آلام کی مٹی سے اٹھا ہوتا ہے اور ان کی زندگی غموں سے ترتیب پاتی ہے۔ صفی ؔ کی شاعری کو پڑھنے کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ ان کی زیست کے راستے بھی دکھوں سے بھرے ہوئے ہیں اور ایک کے بعد دوسرا غم، گھات لگائے نہ صرف ان کا منتظر ہوتا ہے بلکہ ایک منفرد طریقے، نئی شکل اور تازہ اہتمام سے کسی شاطر کی طرح اپنی چالیں بدلتا رہتا ہے۔  

ایک غم چلا گیا دوسرے نے آ لیا
سلسلے شتاب ہیں رتجگوں کے درمیاں
٭
ہمت تو آ گئی تھی دکھ جھیلنے کی لیکن
آیا ہے غم ہی چل کے اک اور چال اب کے
٭
جیے جا رہا ہوں بہت بے دلی سے
دکھوں کے مسلسل ہی پھیرے ہیں گھر میں
صفیؔ کے نزدیک محبت ایسا انمول جذبہ ہے جو کائنات کا حاصل ہے اور اس کے سامنے دنیا کی تمام تر آسائشوں کو ہیچ اور بے معنی سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ’’جانِ شاعری‘‘ کے بغیر اپنی زندگی کے ہر پہلو کو ادھورا اور نامکمل سمجھتے ہیں۔   
آج بھی زندگانی میں جانِ صفیؔ
اور سب کچھ ہے تیری کمی ہے ابھی
	وہ اُن کم ظرف لوگوں پر کڑی تنقید بھی کرتے ہیں جن کی ہوس سے خیرہ آنکھیں محبت کے اس لافانی جذبے کو دنیاوی جاہ و جلال اور عیش و ثروت کے ترازو میں تولنے کی کوشش کرتی ہیں۔
جنہیں تاج محلوں کی تھی آرزو وہ
بھلا دل کسی کا بھی رکھ لیتے کیسے
	صفیؔ اپنے محبوب کو خود سے جدا نہیں سمجھتے بلکہ ہر لمحہ اسے اپنے بہت قریب محسوس کرتے ہیں۔ اپنی ذات کا حصہ کہتے ہیں۔ چونکہ ان کی محبت وقت اور زمانے کی ہر قید سے آزاد ہے اس لئے وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کا یہ جذبہ مزید نکھرتا ہے۔ انہوں نے اِسے فاصلے، وقت یا مجبوریوں کی گرد سے ہمیشہ بچا کے رکھا ہے اس لئے ان کی ہر سانس اسے تر و تازگی بخشتی ہے اور پھر یہی تڑپ انہیں وحدت الوجود کے اس مقام تک لے آتی ہے جہاں وہ کہہ اُٹھتے ہیں کہ   

ہیں مائل بہ افسوس کچھ یار میرے
انہیں کیا خبر تُو بسا ہے مجھی میں
یا
دیکھا تو دل کے اندر موجود تھے صفیؔ وہ
اور ہم بھرے نگر میں اُن کو پکار آئے
	صفیؔ نے زندگی کی واردات، محبت کے واقعات، اندر کی کیفیات اور دلی تاثرات کا اظہار نہایت صفائی اور خوش اسلوبی سے کیا ہے۔ انہوں نے زود فہم لفظوں کے استعمال سے ترنم کی  ندیاں بہائی ہیں۔ جو اس چیز پر دلالت کرتی ہیں کہ وہ نہ صرف اپنے کلام کو حسن اور عمدگی سے پیش کرنا جانتے ہیں بلکہ اس کی خوبصورتی کو دوبالا کرنے کے فن سے بھی پوری طرح واقف ہیں۔
	صفیؔ نے غزل، نظم اور قطعات جیسی اصناف سُخن میں اپنی بات کہنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ آپ کی نظموں میں داخلیت کا عنصر پوری طرح حاوی ہے۔ ان کی نظموں کے پُر اثر ہونے میں کسی بھی قسم کے شُبہ کی گنجائش نہیں ہے۔ ان کا لہجہ اس قدر دلفریب اور غم انگیز ہے کہ یہ ہر کسی کے دل کی آواز بن جاتا ہے۔
	اُنکی خوبصورت نظمیں۔ ۔ ۔  محبت،  دلِ مضطرب،  خواہش،  گہنا،  پھر کیا کرو گی؟ میرے اس دعوے کی بہترین گواہ ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ۔ ۔ ۔  وہ خوبصورت دن، اس نے آ کر کہنا ہے،  ہم ایک ہو گئے  میری اس تحریر کی سچائی کا بعینہ ثبوت ہیں۔ ان کی ایک اور دلکش نظم ایک منظوم خط ’’ساتھی ہو تم تو‘‘ کا یہ اقتباس میرے ان خیالات پر مہرِ تصدیق ثبت کر رہا ہے۔   
تمہیں کیا خبر غم میں لذت کیسی
نہاں کس قدر ہے سکوں بے بسی میں
بڑی شوخیاں مجھ سے کرتے ہیں آنسو
ہے وحشت بھی سوتی لگا کر گلے سے
	صفیؔ کا شعری مجموعہ ’’پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا‘‘ دنیائے ادب کے لیے ایک بہت ہی خوبصورت تحفہ ہے جو نہ صرف اس کی دلکشی اور رعنائی میں اضافے کا سبب بنے گا بلکہ اس شعری مجموعے کے لفظوں کی بھینی بھینی خوشبو، گلستانِ ادب کی فضاؤں کو مزید معطر اور مسحور کن بنائے گی اور سُخن فہم لوگوں میں اپنی علیحدہ پہچان ہمیشہ قائم رکھے گی۔
					شبیر حسین شہریؔ
 
پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا (ایک پیغام)

	کسی پر اپنی ذات کا اظہار میرے لئے ہمیشہ ہی ایک مسئلہ رہا ہے کہ غم تو غم کبھی خوشی کا اظہار بھی کھل کر نہیں کر پایا۔ خوشیاں تو حبابِ آب کے مانند ٹھہریں۔ رہے غم۔۔۔ تو غم کانٹوں کی طرح سخت جان، ہر موسم کی سختی برداشت کرتے ہوئے پچھلی رُت سے اس رُت تک برابر ساتھ چلتے آ رہے ہیں کہ اب تو زندگی انہی سے عبارت ہے۔ پچھلی رُت کا ساتھ نئی رُتوں میں تو شامل تو نہیں لیکن ان پر حاوی ضرور ہے کہ نئی رُتوں میں بھی انہی رنگوں اور خوشبوؤں کی جستجو رہی جو پچھلی رُت کے ساتھ میں تھے لیکن پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا بے بدل ٹھہرا۔
	پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا فقط قصۂ پارینہ نہیں بلکہ موجودہ رُت میں پچھلی رُت کے ادغام کی خبر بھی ہے اور آنے والی رُتوں کیلئے نوید بھی کہ اسی رنگ میں ڈھلنے کیلئے تیار رہیں۔
لے گی نسلِ نو حساب تیرے میرے پیار کا
کل کھلے گا پھر گلاب تیرے میرے پیار کا
	پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا دوستوں کے اصرار پر کتاب کا روپ دھار رہا ہے۔ جذبوں کے اظہار میں اگر کہیں آپ کو کوئی لمحہ، کوئی واقعہ، کوئی شعر اپنے احساسات پر صادق آتا محسوس ہو تو ضرور مطلع فرمائیے گا کہ مجھے درد آشناؤں کی جستجو ہے۔
مت پوچھ کتنے ضبط کے موسم بسر کئے
اب سخت آرزو ہے کسی غمگسار کی
				عتیق الرحمن صفیؔ
	ہاؤ س نمبر B-13/1700، 	فتو پورہ بن، گجرات سٹی۔پاکستان
                           

٭

اس کا بھی غم بہت اب معدوم ہو چکا ہے
وہ خوش ہے کھو کے ہم کو معلوم ہو چکا ہے

ہر سوچ میں وہ میری کچھ ایسے بس گیا ہے
ہر فعل میرا اس سے موسوم ہو چکا ہے

کیا بات ہو گئی ہے بادل نہیں برستا
وہ حال پر تو میرے مغموم ہو چکا ہے

رہتا ہے وہ نظر میں چاہے کہیں بھی جائے
آنکھوں میں ایک چہرہ مرقوم ہو چکا ہے

اک بار لوگ پھر سے دیوانے ہو رہے ہیں
کہتے ہیں وہ دوبارہ معصوم ہو چکا ہے

ہر شخص کہہ رہا ہے میرا اداس چہرہ
اس بے وفا کے غم کا مفہوم ہو چکا ہے

جو زندگی کے سارے دُکھ درد بانٹتا تھا
اس سائے سے صفیؔ اب محروم ہو چکا ہے


 

٭

جیون بھر کی ہے یہ کمائی
آنسو، یادیں اور جدائی

لمحہ لمحہ بے بس دل کو
ڈستی رہتی ہے تنہائی

یادوں سے گھمسان کے رَن میں
ہر شب ہوتی ہے پسپائی

میرے ساتھ بھی بیت گئی ہے
ایک کہانی سنی سنائی

ہر اک روپ میں ہے وہ میرا 
کیسے کہہ دوں پھر ہر جائی

بس میں ہوتا روک ہی لیتا 
ہونے دیتا کیوں رُسوائی


٭
 
ان گنت عذاب ہیں رتجگوں کے درمیاں
درد بے حساب ہیں رتجگوں کے درمیاں
بن چکا ہے دل سوال اب کسی کے ہجر میں
اس پہ لاجواب ہیں رتجگوں کے درمیاں
اشک روک روک اب شل ہوئے ہیں حوصلے 
ہر سمے عتاب ہیں رتجگوں کے درمیاں
کاش وہ ملے کہیں تو بتاؤں میں اسے
کس قدر سراب ہیں رتجگوں کے درمیاں
سو چراغ جل بجھے تیرگی نہ کم ہوئی
مستقل حجاب ہیں رتجگوں کے درمیاں
کیا بتاؤں حال میں اس کو اپنے درد کا
وحشتوں کے باب ہیں رتجگوں کے درمیاں
وہ جنھیں خبر نہیں قلبِ ناصبور کی
چار سو ’’جناب‘‘ ہیں رتجگوں کے درمیاں
ایک غم چلا گیا دوسرے نے آ لیا
سلسلے شتاب ہیں رتجگوں کے درمیاں
رکھ رکھاؤ میں سدا رہ کے آج تک یہاں
حالتیں خراب ہیں رتجگوں کے درمیاں
زندگی کی دوڑ میں پچھلی رُت کے خواب سب
اب بھی ہم رکاب ہیں رتجگوں کے درمیاں
آج یہ کھلا صفیؔ جاں کے اور غم کئی
شاملِ نصاب ہیں رتجگوں کے درمیاں

 




٭

لمحہ لمحہ زوال ہو گا
درد سہنا محال ہو گا

لوٹ آتے ہیں جانے والے
خام تیرا خیال ہو گا

اب کے ٹوٹا ہے مان ایسے
پھر نہ جیسے بحال ہو گا

اب بھی بدلے ہیں صرف ہندسے
پہلے جیسا ہی سال ہو گا

حالِ دل مت کسی سے کہنا
بعد میں پھر ملال ہو گا

مر ہی جائیں گے ہجر میں ہم
جی لیا تو کمال ہو گا

آج فرقت ہے اک حقیقت
روزِ محشر وصال ہو گا
 



تتلیوں کی خواہش

تتلیوں کی خواہش تو
تتلیوں سے نازک ہے
اس طرح کی خواہش کا
رنگ روپ ڈھلنے میں
دیر اتنی لگتی ہے ۔۔۔۔
تتلیوں کے دل آویز
نرم نرم پنکھوں سے
دلکشی اترنے میں
دیر جتنی لگتی ہے
 

گہنا

اک بار تُو میری بات تو سُن
بس تجھ سے اتنا کہنا ہے
یہ دل تو تیرا گہنا ہے
تُو اس کو جڑ لے زیور میں
جو تُو نے شوق سے پہنا ہے
ترے جھمکوں میں ترے کو کے میں
بول اس کو کہاں پہ رہنا ہے
یا بیٹھ کے تیرے لاکٹ میں
سانسوں کی رو میں بہنا ہے
کہیں رکھ لے اس کو پاس اپنے
کیا اس نے تجھ کو کہنا ہے

 

٭


لمحہ لمحہ یاد آتا ہے پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا
ہر موسم میں تڑپاتا ہے پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا

اب کے بھی وہ رُت آئی ہے شاید وہ بھی لوٹ ہی آئے
کہہ کہہ کے یہ بہلاتا ہے پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا

جب بھی تیری یاد سے آگے بڑھنا چاہوں تو دل میرا
پھر سے آنکھ میں لے آتا ہے پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا

تیرا رستہ تکتے تکتے آنکھ کے منظر سرد ہوئے یوں
ہر منظر میں در آتا ہے پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا

ویسے تو بے دردی جینا مشکل ہو جانا تھا لیکن
سانسیں ہر دم مہکاتا ہے پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا

آس امید کے دیپک سارے دھیرے دھیرے بجھ جاتے ہیں
ان کو پھر سے سلگاتا ہے پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا

ذات کے اس زنداں میں صفیؔ جی بکھری ویرانی کے ڈر سے
ہر پل چیختا چلّاتا ہے پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا

 


٭
عادت سی ہو گئی ہے مجھے انتظار کی
صورت بگڑ گئی ہے دلِ بے قرار کی

مت پوچھ کتنے ضبط کے موسم بسر کئے
اب سخت آرزو ہے کسی غمگسار کی

چہرے پہ بکھری سلوٹوں کو دیکھ غور سے
حالت بتا رہی ہیں دلِ سوگوار کی

ہر درد مجھ کو پانے کو یوں بے قرار ہے
بولی لگی ہو جیسے کسی شاہکار کی

کھویا ہوں تیری یاد میں کچھ اس طرح سے میں
صحرا کی فکر ہے نہ کسی لالہ زار کی

افسوس آج تک نہ تجھے بھول میں  سکا
کوشش تو میرے دل نے صفیؔ لاکھ بار کی
 
٭

مری مشکل اگر آساں بنا دیتے تو اچھا تھا
لبوں سے لب دمِ آخر ملا دیتے تو اچھا تھا

میں جی سکتا تھا بس تیری ذرا سی اک عنایت سے
مرے ہاتھوں میں ہاتھ اپنا تھما دیتے تو اچھا تھا

مری بے تاب دھڑکن کو بھی آ جاتا قرار آخر
مرے خوابوں کی دنیا کو سجا دیتے تو اچھا تھا

تمہاری بے رخی پر دل مرا بے چین رہتا تھا
کبھی عادت یہ تم اپنی بھُلا دیتے تو اچھا تھا

کبھی اس جلد بازی کا ثمر اچھا نہیں ہوتا
کوئی دن اور چاہت میں بِتا دیتے تو اچھا تھا

صفیؔ آنسو بھی دشمن بن گئے ہیں دیکھ لے آخر
 نہ ان کو ضبط کرتے تم بہا دیتے تو اچھا تھا

 

کتھارسس  1
 
جو دل پہ میرے داغ ہیں
یہ سب کے سب چراغ ہیں
جو اشک ہیں یہ آنکھ میں
وفاؤں کے سراغ ہیں
مکین دل کے وسوسے
تمام شہ دماغ ہیں
یہ دیکھ غم کی لے پہ ہم
بہت ہی باغ باغ ہیں


کتھارسس 2 

کرن کے پھوٹنے تلک
سکوت ٹوٹنے تلک
زمانے بھر کی وحشتیں
تمام تر جہاں کے غم 
اور اس پہ میری چشمِ نم
یہ سب مرے رفیق ہیں
یہ کس قدر شفیق ہیں
یہ کس قدر شفیق ہیں


 



٭


شجر، سایہ، نہ اب دیوار ہے کوئی
جنوں میں اس طرح بھی خوار ہے کوئی

مجھے ہر گز شکایت کی نہیں عادت
مگر مجھ سا بھی دل آزار ہے کوئی

ستمگر تم مرے دل سے چلے جاؤ
کہ اب خود سے بہت بیزار ہے کوئی

بچھی ہے دل میں مُدّت سے صفِ ماتم
تو ایسے میں مرا غم خوار ہے کوئی

فقط فرقت نے ہی مجھ کو نہیں مارا
وہاں لہجے میں بھی تلوار ہے کوئی

ہر اک پل سو ستم سہہ کر جئے جائے
صفیؔ ایسا کہیں فنکار ہے کوئی

٭
 
ترے بن الم ایسے گھیرے ہیں گھر میں
سِوا درد دن رات میرے ہیں گھر میں

جئے جا رہا ہوں بہت بے دلی سے
دکھوں کے مسلسل ہی پھیرے ہیں گھر میں

محبت حصاروں سے سر پھوڑتی ہے
جدائی کے سائے گھنیرے ہیں گھر میں

سبھی پر ہے تنہائی کا ناگ حاوی
اگرچہ بہت سے سپیرے ہیں گھر میں

غموں سے رہائی نہیں اب کے ممکن
کئی یادیں وحشت بکھیرے ہیں گھر میں

شکستہ سی دھڑکن سنی جا رہی ہے
خموشی کے ایسے بسیرے ہیں گھر میں

کہاں سے بہاروں کا سامان لائیں
خزاؤں کے ہر سمت ڈیرے ہیں گھر میں

کئی روز سے میرا دل جل رہا ہے
تو پھر کیوں ابھی تک اندھیرے ہیں گھر میں 

صفیؔ اب تو جینا بہت ہی کٹھن ہے
کہاں آج ہمدرد تیرے ہیں گھر میں؟
 



٭

پھر صدائے محبت سُنی ہے ابھی
زخمِ نو کی سعادت ملی ہے ابھی

رابطہ دل کا دل سے ہے کافی مجھے
نور ہی نور میں زندگی ہے ابھی

وقت بدلا ہے ہم تم تو بدلے نہیں
وہ ہی چاہت وہی بے بسی ہے ابھی

یہ جبیں اور کسی در پہ جھکتی ہی کیوں
اس میں تیری محبت جڑی ہے ابھی

کچھ تمنا سے بڑھ کر بھی پایا مگر
آرزو ایک سب سے بڑی ہے ابھی

آج بھی زندگانی میں جانِ صفیؔ
اور سب کچھ ہے تیری کمی ہے ابھی


 

ساتھی ہو تم تو   (ایک منظوم خط)

تمہاری دُعا سے بہت خوش ہوں میں اب
بڑے ہی توانا ہیں حالات میرے
قفس در قفس منتقل ہو رہے ہیں
محبت سے معمور جذبات میرے

O

جدائی کی بانہوں میں ڈھلتی ہیں شامیں
اداسی مچاتی ہے دل میں دھمال اب
ہے آہوں کی بھی اس پہ رنگین محفل
گزر تو رہے ہیں بڑے اچھے سال اب

O

تمہیں کیا خبر غم میں لذت ہے کیسی
نہاں کس قدر ہے سکوں بے بسی میں
بڑی شوخیاں مجھ سے کرتے ہیں آنسو
ہے وحشت بھی سوتی لگا کر گلے سے
خوشی سے نہیں رہتا کچھ خود پہ قابو
گزر تو رہی ہے بڑے ہی مزے سے

O

ارے تم تو ساتھی ہو رنج و الم میں
تو کیوں تم کو ایسی خوشی میں بلاؤں
اگر آ گئے تم تو ڈر ہے یہ مجھ کو
خوشی سے ہی گھُٹ کے کہیں مر نہ جاؤں



 


٭

جس کو چاہا تھا کب ملا مجھ کو
زندگی سے ہے یہ گِلہ مجھ کو

درد ، یادیں اور اک شکستہ دل
عاشقی کا ہے یہ صِلہ مجھ کو

اور کسی سے بھی ربط رکھنے کا
راس آیا نہ سلسلہ مجھ کو

اب تو آنکھوں سے جی نہیں بھرتا
اب کے ہونٹوں سے ہی پِلا مجھ کو

میری قسمت میں قرب کا لمحہ
گر لکھا ہے تو پھر دِلا مجھ کو

اس کی یادوں کی چاندنی ہر شب
بخش دیتی ہے کچھ جِلا مجھ کو

 


دلِ مضطرب


دلِ مضطرب ذرا ہوش کر
تو شعور کو بھلا کس لیے
تلے پاؤں ہے یوں مسل رہا
کڑے وقت میں تو یہ بارہا
تری مشکلات کا حل رہا
تو یہ کس طرف بھلا چل پڑا
بڑا دکھ بھرا ہے یہ راستہ
یہاں رنج کا، یہاں درد کا
کبھی ختم ہوگا نہ سلسلہ
مری بات سن تو یہ چھوڑ ضد
ابھی لوٹ جا ابھی لوٹ جا

 

٭

سوکھے پیڑ سے ٹیک لگائے پہروں بیٹھا رہتا ہوں
بانہوں میں چہرے کو چھپائے پہروں بیٹھا رہتا ہوں

جانے کب وہ آ جائے اس آس پہ اکثر راتوں کو
آنکھیں دروازے پہ جمائے پہروں بیٹھا رہتا ہوں

کاش وہی کچھ دکھ سکھ بانٹے بس اس آس میں اکثر میں
ہاتھوں میں تصویر اٹھائے پہروں بیٹھا رہتا ہوں

ماہِ نومبر میں تنہا میں اس کی سالگرہ کی شب
ویرانے میں دیپ جلائے پہروں بیٹھا رہتا ہوں

اُس کی تحریروں کے روشن لفظوں کی تاثیر ہے یہ
دنیا کے سب درد بھلائے پہروں بیٹھا رہتا ہوں

جسم و جاں میں پچھلی رُت جب محشر برپا کرتی ہے
دل کو یادوں میں سلگائے پہروں بیٹھا رہتا ہوں

یہ تو طے ہے جانے والے کم ہی لوٹ کے آتے ہیں
پھر بھی میں اک آس لگائے پہروں بیٹھا رہتا ہوں

آج صفیؔ ہمدرد نہ کوئی درد کی ایسی شدت میں
آج اسے پھر دل میں بسائے پہروں بیٹھا رہتا ہوں
 
نظم
بہت رو چکا ہوں
کبھی چاندنی بن کے
آنکھوں کے درپن میں
اُتری ہو ایسے
 اندھیروں میں مجھ کو 
ہر اک عکس نورو تجلی کی صورت
فروزاں لگا تو
کبھی بے بسی سے
الجھتے ہوئے ذہن کی سوچ کو یوں
توانائی بخشی
کہ جذبوں میں اس وقت
سورج سے بھی بڑھ کے
مجھ کو تمازت سی محسوس ہوئی
مگر آج مجھ کو 
تمہارے ہی غم نے
تمہاری ہی سوچوں نے الجھا دیا ہے
تمہاری ہی خاطر
میں دور آ کے تجھ سے
تو آہوں کے چُنگل کا قیدی ہوا ہوں
یہ لگتا ہے مجھ کو میں زندہ نہیں ہوں
کہ جاں زندگی کے
عذابوں میں شام و سحر کھو چکا ہوں
میں بیتے سمے کے وہ مضبوط لمحے
سبھی یاد کر کے
بہت رو چکا ہوں
بہت رو چکا ہوں
 
٭

کہیں بھی رہنا خیال رکھنا
وطن کی عزت سنبھال رکھنا

زباں پہ شکوہ نہ آئے کوئی
وفا کی عظمت بحال رکھنا

چھڑا کے دامن سے نا اُمیدی
’’اُمیدِ صبحِ جمال رکھنا‘‘

چھُپا کے آنکھوں میں اپنے آنسو
کسی کے رُخ پر رُمال رکھنا

اِسی میں جیون کی ہے سفلتا
بحال ضبطِ کمال رکھنا

وقارِ انساں کا ہے تقاضا
کہ حسنِ سیرت اُجال رکھنا

اِسی میں خوشنودیِ خدا ہے
جبین سجدوں میں ڈال رکھنا

یہی ہے مقصد صفیؔ ہمارا
دِلوں سے نفرت نکال رکھنا
                   ’’پہچان‘‘  انعام یافتہ)  (www.pehchaan.com)
 


محبت

محبت حرفِ اول ہے
محبت حرفِ آخر ہے
یہ ہے اک ایسا جذبہ جو
ظہور اپنے میں ماہر ہے
زمانے میں اداسی بھی
محبت بانٹ سکتی ہے
 کسی کے دل سے نفرت کو
محبت چھانٹ سکتی ہے
محبت با وفا بھی ہے
محبت دل ربا بھی ہے
محبت کرنے والوں کو
محبت سے گلہ بھی ہے
محبت میں جو ہوتے ہیں
گلے وہ سب محبت ہیں
لگن چاہت وفاداری
یہ سارے ڈھب محبت ہیں
محبت آن جیسی ہے
محبت مان جیسی ہے
محبت پھول جیسی ہے
محبت جان جیسی ہے
محبت جان لیتی ہے
محبت جان دیتی ہے
محبت سرفروشی کو
ہمیشہ مان لیتی ہے

محبت اک تبسّم ہے
جو پھولوں میں بھی کھلتا ہے
کبھی تتلی کے پنکھوں میں
کبھی ممتا میں ملتا ہے
محبت سانس لیتی ہے
محبت دیکھ سکتی ہے
محبت ساتھ چلتی ہے
محبت رہ بدلتی ہے
کسی کی شادمانی کو
محبت سوچ سکتی ہے
یہ ساری زندگانی کے
غموں کو نوچ سکتی ہے
محبت اک نگینہ ہے
یہ جینے کا قرینہ ہے
نہیں جو ڈوبنے پاتا
محبت وہ سفینہ ہے
جہاں کے سب مذاہب میں
محبت کا تقدّس ہے
یہی انساں کے جذبوں میں
عطا سب سے مقدس ہے
محبت کا یہ جذبہ اب
بڑا پامال ہوتا ہے
یہ جس کے دل میں بس جائے
بہت بے حال ہوتا ہے
محبت کل بھی ہوتی تھی
محبت اب بھی ہوتی ہے
مگر اپنے مقدر پر 
محبت آج روتی ہے





 
٭
وہ دور ہو رہا ہے
مغرور ہو رہا ہے

وہ دِل کا راز لکھ کر
رنجور ہو رہا ہے

تیرے بغیر دیپک
بے نور ہو رہا ہے

بن تیرے فن ہمارا
معذور ہو رہا ہے

کوئی ہمیں ستا کر
مسرور ہو رہا ہے

زخمِ جگر ہمارا
ناسُور ہو رہا ہے

اک بت ہمارے دل پر
مامور ہو رہا ہے

بے نام تھا صفیؔ جو
مشہور ہو رہا ہے


 

٭

دیکھ کر اس کو جیتے تھے ہم دوستو
جب وہ موجود تھا کب تھے غم دوستو

وہ مِلا تو خوشی اک نئی مل گئی
دوست یوں تو نہ تھے اپنے کم دوستو

بات اُس کی ہے سارے جہاں سے الگ
لوگ ایسے ہیں دُنیا میں کم دوستو

اس جہاں نے ہمیں کر دیا پھر جُدا
ہم چلے تھے ابھی دو قدم دوستو

بعد مدّت کے اس نے پکارا مجھے
دوستی کا رکھا یوں بھرم دوستو

یاد کرتے ہوئے آج اُس کو صفیؔ
ہو رہی ہیں مری آنکھیں نم دوستو

 


یہ دن


اپنے محبوب کی
چاہ میں ڈوب کر
سنگ چلنے کے دن
دل کے خدشات کے
سچے جذبات کے
پیار کے روپ میں
یہ ہیں ڈھلنے کے دن
دل کی ہر بات کو
اپنے ہر راز کو
اپنے محبوب پر
منکشف  اور  عیاں
یہ ہیں کرنے کے دن
 


وہ خوبصورت دن

صنم ایسے اچھے بھی آئیں گے دن
نہ پاؤں میں فرقت کی زنجیر ہوگی
محبت کے جذبوں پہ اس سلطنت میں
کسی بھی طرح کی نہ تعزیر  ہوگی
نہ وحشت کا سامان سپنے بنیں گے
سرابوں میں پنہاں نہ تعبیر ہوگی
اداسی کے میلوں کا دل چاک ہوگا
تو قسمت میں غم کی نہ تحریر ہوگی
نزاکت سے بھرپور جذبات سارے
ہوا کی نہ ٹھوکر سے ٹوٹا کریں گے
پشیماں پشیماں اکیلے اکیلے
ہمہ وقت عاشق نہ گھوما کریں گے
کبھی مہ وشوں کے لطیف آنسوؤں سے
شبِ غم کے آنچل نہ بھیگا کریں گے
جدائی کے لمحے مہینوں سے بڑھ کے
ریاضت نہ قرنوں کی مانگا کریں گے
صنم ایسے اچھے بھی دن آئیں گے سب
مگر سوچتا ہوں وہ دن آئیں گے کب
 

٭

جیون بھر کی آس ہے تو
جینے کا احساس ہے تو

تن سے ہے تو دور مگر
من کے پھر بھی پاس ہے تو

شاید تو ہے ایک سراب
لیکن میری پیاس ہے تو

تجھ ہی سے ہو جیسے بقاء
ایسا اِک احساس ہے تو

بزم ہو یا تنہائی ہو
ہر جا دِل کو راس ہے تو


 
٭


قرضِ الفت ہے اب بھی تمھارا سجن
گرچہ ہم نے بہت ہے اُتارا سجن

پا بجولاں پڑے ہیں رہِ عشق میں
لوٹ آئے گا اِک دِن ہمارا سجن

زندگی کا تقاضا سمجھ نہ سکے
تیری سوچوں میں جیون گزارا سجن

بے خودی میں چلے جب بھی ہم جھوم کے
ہر قدم نے کیا رُخ تمھارا سجن

بات خوشبو کے انداز میں ہو نہ ہو
بات کرنا تو کر لے گوارہ سجن

لوگ کچھ بھی کہیں اور ہوں طعنہ زن
پھر بھی ہر دم صفیؔ ہے تمہارا سجن


 

٭

نہیں ایسا ہرگز کہ گھائل نہیں ہوں
دکھوں کی نمائش کا قائل نہیں ہوں

ارے تم مجھے اس طرح تو نہ دیکھو
محبت کا مارا ہوں سائل نہیں ہوں

یہ کم گوئی تو میری عادت ہے جاناں
میں بے اعتنائی پہ مائل نہیں ہوں

اگر چاہتے ہو تو جھُومر بنا لو
یہ دل کہہ رہا ہے میں پائل نہیں ہوں

تمھاری محبت کا داعی ہوں لیکن
تمھارے ارادوں میں حائل نہیں ہوں

کہاں تک ستم اس جہاں کے سہوں گا
میں اِنساں ہوں پتھر کی ٹائل نہیں ہوں

 


٭

وارفتگی سے مجھ کو کبھی دیکھتے تھے وہ
نظروں میں راز دل کے سدا ڈھونڈتے تھے وہ

جب بڑھ گئی تھی تشنہ لبی دل کے گھاٹ  پر
پتھر نظر کے شام و سحر پھینکتے تھے وہ

پُر درد شب ہماری کبھی اس طرح کٹی
میں بھی نہ سو سکا تو اُدھر جاگتے تھے وہ

لگتی تھی راہِ زیست میں ٹھوکر کوئی اگر
تو بڑھ کے دونوں ہاتھ مرے تھامتے تھے وہ

بے تاب ہو کے کہتا تھا جب ان کو ’’ میری جاں‘‘
ہنس ہنس کے جھوٹ موٹ مجھے ڈانٹتے تھے وہ

اک عرضِ آرزو پہ مری جھینپ کے صفیؔ
ہاتھوں سے اپنا چہرہ سدا ڈھانپتے تھے وہ

اک ہم صفیؔ تھے خود پہ جو قابو نہ رکھ سکے
ہر درد کو چھپانا غضب جانتے تھے وہ

 

خواہش


اداؤں کی بھر پور تفسیر ہوتی
تو شہکارِ قدرت کی تشہیر ہوتی
غزل اور بہتر بھی تحریر ہوتی
سو نظموں کی اپنی ہی جاگیر ہوتی
اندھیروں میں پر کیف تنویر ہوتی
مرے پاس تیری جو تصویر ہوتی
جو تعذیبِ ہجراں سے دل میرا تھکتا
تو رکھ کے ہتھیلی پہ خوب اس کو تکتا
محبت سے پھر اس کو ہونٹوں پہ رکھتا
تو اس کے تاثر سے مٹ جاتا سکتہ
ضرور اس میں ایسی ہی تاثیر ہوتی
مرے پاس تیری جو تصویر ہوتی



جو دن بھر کی اس سے میں کہتا حکایت
ہر اک درد کی اس سے کرتا شکایت
محبت کی ہوتی نئی اک روایت
کسی طور کرتی سکوں وہ عنایت
ہر اک خواب کی اس میں تعبیر ہوتی 
مرے پاس تیری جو تصویر ہوتی
ملالِ جدائی اگر مجھ پہ چھاتا
نہ دل کو کسی طور بھی چین آتا
ہر اک پل ستم مجھ پہ جب اور ڈھاتا
خیال اس کا مجھ کو اچانک ہی آتا
نہ حالت کبھی میری دلگیر ہوتی 
مرے پاس تیری جو تصویر ہوتی
کسی خاص موقع پہ تنہا نہ ہوتا
 نہ ہر گز سسکتا کبھی بھی نہ روتا
نئے سال پر بیج خوشیوں کے بوتا
جنم دن بھی من میں نہ کانٹے چبھوتا

ہر اک دکھ مٹانے کی تدبیر ہوتی
مرے پاس تیری جو تصویر ہوتی


مرے پاس ہوتی تو کیا کیا نہ کرتا
لگا کے میں سینے کے ساتھ آہیں بھرتا
تو خوفِ جدائی سے بھی رہتا ڈرتا
مری جان یوں تو میں ہر روز مرتا
مگر پھر بھی ہمت کی تعمیر ہوتی
مرے پاس تیری جو تصویر ہوتی






 

٭

میں کہتا نہیں ہوں اگرچہ کسی سے
جیے جا رہا ہوں مگر بے دلی سے

کہاں ذکرِ گلشن ، کہاں یادِ جاناں
کوئی رابطہ ہی نہیں زندگی سے

کوئی بوجھ دل پر تُو لے کر نہ آنا
جو ملنا ہو مجھ سے تو مِلنا خوشی سے

سنو میرے دونوں جہاں لٹ گئے ہیں
نہیں کچھ بھی ہو گا تمھاری کمی سے

نیا موڑ جیون میں لانے کی خاطر
ضروری تھا کیا اِک کنارہ ہمی سے؟

مجھے حال لکھنا جو پیغام میرا
پہنچ جائے تجھ تک کبھی شاعری سے

یہ کیسی محبت تھی جو روز افزوں
برا حال کرتی گئی دُشمنی سے

ترا نام لکھا تھا جن پتھروں پر
کبھی اُن کا قصہ بھی سُننا صفیؔ سے
 

٭

تمھارے در سے ہٹا ہے یہ دل
وفورِ غم سے پھٹا ہے یہ دل

تمام جذبات مُنتشر ہیں
اِنہی میں میرا بٹا ہے یہ دل

نہ جانے قسمت میں کیا لکھا ہے
بس ایک ضد پر ڈٹا ہے یہ دل

تمام دُنیا کی انجمن سے
کنارہ کر کے چھٹا ہے یہ دل

خبر تلک بھی نہیں ہے اپنی
ہمارا خود سے کٹا ہے یہ دل

 
٭

مجبور رہے ہر دور میں ہم
مہجور رہے ہر دور میں ہم

اِک شام ہی تو نے کی تھی عطا
مسحور رہے ہر دور میں ہم

سب تجھ سے گریزاں راہوں سے
مفرور رہے ہر دور میں ہم

اِک خوب نے دل کو یوں جکڑا
رنجور رہے ہر دور میں ہم

غم لاکھ تھے جیون میں لیکن
مشکور رہے ہر دور میں ہم
 

٭
میں چاہوں مُڑ کے دیکھو تم مجھے اک بار جیون میں
نہیں کچھ اور مانگوں گا میں تم سے یار جیون میں

ترے حصّے کے سارے غم میں اپنی جاں پہ لے لوں گا
مگر اک بار آ جاؤ اَنا کے پار جیون میں

محبت مٹ نہیں سکتی سُنو دعویٰ ہے یہ میرا
تڑپ اُٹھتے ہیں دل پھر سے جو ہو دیدار جیون میں

ترے دِل میں کسک کوئی نہیں ہے یا بتا جاناں!
وہاں تو بھی ہے خود سے برسرِ پیکار جیون میں

بتا میں کس کے آنچل سے لپٹ کے حالِ دل کہہ لوں
بتا ہے کون جُز تیرے مرا غمخوار جیون میں

مرے ماتھے پہ روشن ہیں ترے بوسوں کے دِیپ اب تک
تری وارفتہ چاہت کے ہیں کچھ آثار جیون میں

چلا بھی آ کہ اب تیرے بدن کی آگ میں جل کر
مجھے کرنا ہے خود سوزی کا بھی کردار جیون میں

اگر لاکھوں جنم ہوں تو یہی بس ایک خواہش ہے
میسّر ہو تری سنگت صفیؔ ہر بار جیون میں
 


نظم



تو مجھ میں بس گیا ہے
میں تجھ میں بس گیا ہوں

گریزاں ہو مجھ سے
رہو تم گریزاں
مگر آئینے میں بھی جب عکس دیکھو گے
تو آئینے کے بھی اُس پار جاناں
تمہیں میں ملوں گا
 

٭

کوئی نہیں ہمارا پرسانِ حال اب کے
پہلے سے بھی شکستہ آیا ہے سال اب کے

ہمت تو آ گئی تھی دکھ جھیلنے کی لیکن
آیا ہے غم ہی چل کے اک اور چال اب کے

کی ہے بہت عبادت فرقت میں آنسوؤں نے
یزداں تُو کر لے ان کا کچھ تو خیال اب کے

باتوں کی نغمگی سب آہوں میں ڈھل گئی ہے
پھیلا اداسیوں کا کیسا یہ جال اب کے

دولخت ہو گیا ہے یہ دل نزار اپنا
اُٹھا جو دوریوں کا پھر سے سوال اب کے

برگ و ثمر سے عاری تنہا شجر ہو جیسے
جیون کی ہے صفیؔ جی ایسی مثال اب کے



 


نظم

بہت یاد آتا ہے اے جانِ جاناں

ترا چپکے چپکے نگاہیں ملانا
بدلتا گیا زندگی کا فسانہ
ہوا حد سے مشکل جو چاہت چھپانا
تو ہم کو پڑا تھا سبھی کو بتانا
کہ بس میں ہمارے یہ دل اب رہا نہ
بہت یاد آتا ہے اے جانِ جاناں
ترے ساتھ بیتا ہوا وہ زمانہ
وہ یک دم مرے ہاتھ میں ہاتھ دینا
وہ کہنا تمہارا مرا ساتھ دینا
نہ چاہت کو میری کبھی مات دینا
محبت سے پھر دیکھنا آنکھ بھر کر
کوئی آ نہ جائے پلٹنا یہ کہہ کر
بہت یاد آتا ہے اے جانِ جاناں
ترے ساتھ بیتا ہوا وہ زمانہ


ہوا ضبط مشکل تھا جذبات پر جب
بڑی مشکلوں سے ملاقات پر تب
ہوئے تم تھے راضی کسی بات پر جب
کہا تم نے مجھ سے کہ اب یوں نہ کرنا
مجھے اب تو پھر سے پڑے گا سنورنا
بہت یاد آتا ہے اے جانِ جاناں
ترے ساتھ بیتا ہوا وہ زمانہ
پیمبر تھے چاہت کے کاغذ کے ٹکڑے
وہ کیسٹ کے اندر جدائی کے دکھڑے
بتاتے تھے احوال گیتوں کے مکھڑے
وہ کرنا سبھی فون پر باقی باتیں
کہ کٹتی ہیں کیسے یہ دن اور راتیں
بہت یاد آتا ہے اے جانِ جاناں
ترے ساتھ بیتا ہوا وہ زمانہ


شب و روز اپنی ملاقاتیں ہمدم
نہ جن میں تھا کچھ خوف یا پھر کوئی غم
جنھیں یاد کر کے ہوئیں آنکھیں پُر نم
بڑے بے ثمر تھے وہ لمحات سارے
ہوئے بعد جن کے ہیں ہم بے سہارے
بہت یاد آتا ہے اے جانِ جاناں
ترے ساتھ بیتا ہوا وہ زمانہ
مسلسل ہی ڈستی ہے اب تو جدائی
ترے بعد دنیا نہیں راس آئی
کہاں اب ملے گی غموں سے رہائی
نہ جائے پنہ ہے نہ کوئی ٹھکانہ
میں انجانی منزل کی جانب روانہ
بہت یاد آتا ہے اے جانِ جاناں
ترے ساتھ بیتا ہوا وہ زمانہ
 

٭

اسیرِ وفا رہ گئے ہم اکیلے
یہاں بے نوا رہ گئے ہم اکیلے

جہاں بھر میں کوئی بھی اپنا نہیں اب
مگر تم کو کیا رہ گئے ہم اکیلے

بدل جائے قسمت یہ ممکن نہیں ہے
تو کیسا گِلہ رہ گئے ہم اکیلے

کبھی تم کو بھی اس کا احساس ہو گا
کہ حد سے سِوا رہ گئے ہم اکیلے

صفیؔ لوحِ قسمت پہ تقدیر نے بھی
یہی تھا لکھا ، رہ گئے ہم اکیلے


 


٭

جب اُن کے رُخ سے نقاب اُترے
نظر نظر میں گلاب اُترے

ہماری نیندوں میں چاند بن کر
وہی منور سا خواب اُترے

میں اُن کی آنکھوں میں جب بھی دیکھوں
نظر میں جام و شراب اُترے

کہیں وہ مجھ کو نہ چھوڑ جائیں
یہ ایک وہمِ خراب اُترے

بس اک جھلک کی سزا ہے یارو!
جو رتجگوں کے عذاب اُترے

بپا ہیں محشر ہمارے دل میں
یہ کیسے کیسے عتاب اُترے

صفیؔ تمنا کے راستوں میں
قدم قدم پر سراب اُترے
 
اے مرے رہبرو
اس وطن کے عدو
ہر طرف چار سُو
آج موجود ہیں
جن کے ہاتھوں پہ ہے
اہلِ دانش کا خوں
اب بھری بزم میں 
خوش بیاں خوش نظر
آج منظر نہیں
سو یہ امکان ہے
قتل ہوتے رہے
گر یونہی چارہ گر
اہلِ علم و ہنر
آدمی معتبر
خوش بیاں خوش نظر
کون لائے گا پھر
تیرگی چیر کر
جھلملاتی سحر
اے مرے رہبرو
وقت ہے سوچ لو
ظلم انسان پر
یوں جو ہوتا رہا
ہوگا منظر یہی
ہر طرف چار سُو
بے اماں زندگی
بے یقیں آبرو
 


٭

زخم ایسا لگا ہے جو بھرتا نہیں
دل یہ نادان ہے پھر بھی ڈرتا نہیں

عشق کے بحر میں ڈوب جاتا ہے جو
ساحلوں پر کبھی وہ اُبھرتا نہیں

ہر سمے جان لیتی ہیں تنہائیاں
ایک پل بھی سکوں سے گزرتا نہیں

زندگی نے ہمیں ایسے گھاؤ دیئے
کوئی مرہم بھی اِن پر ٹھہرتا نہیں

کوئی اپنا ہزاروں طرح بھی صفیؔ
وار دل پر کرے پیار مرتا نہیں
 


٭

نہیں کچھ رہا اب مری زندگی میں
حسیں تھا جہاں یہ تری دلبری کا

جلاتا نہیں ہوں دئیے رات بھر میں
کہ وحشت سی ہوتی ہے اب روشنی میں

تری یاد کے دائروں میں ہے جیون
گزرتا ہے ہر پل زدِ بے بسی میں

ہیں مائل بہ افسوس کچھ یار میرے
انہیں کیا خبر تُو بسا ہے مجھی میں

عنایت ہے تیری تو جو کچھ بھی دے دے
نہیں اب کوئی فرق غم اور خوشی میں
 

خوشیوں میں یوں جیون اپنا

خوشیوں میں یوں جیون اپنا ۔۔۔
جیسے ایک بھیانک سپنا
نیند کی نازک گود میں پل کے
لمحہ بھر میں روپ بدل کے
وادی وادی نیل گگن کے
پھیلے تاروں کے جھرمٹ کے
تنہا سندر چاند میں ڈھل کے
شب بھر اپنی چھب دکھلائے
اگلی شام نظر نہ آئے
 

کسے خبر ہے


		کسے خبر ہے!
		میں آج خوش ہوں
		کہ رسمِ دنیا نبھا رہا ہوں
		چراغاں کر کے تمام گھر میں
		میں گیت خوشیوں کے گا رہا ہوں
		اکیلے پن کی اذیتوں میں
		یہ جشن کیسا منا رہا ہوں
		کسے خبر ہے
		کہ دل کی دنیا تمام رسموں سے ماورا ہے
		یہ گھر ہے روشن 
		مگر یہ دل تو بجھا ہوا ہے
 

ہم ایک ہو گئے ہیں

کب پاس کوئی  آیا ہم ایک ہو گئے ہیں
دل، دل میں جو سمایا ہم ایک ہو گئے ہیں
کیا جانے کتنا عرصہ صحراؤں میں ہیں بھٹکے
پھر وقت ایسا آیا ہم ایک ہو گئے ہیں
سب زور آزما کے چاہت کے دشمنوں سے
جب بن نہ کچھ بھی پایا ہم ایک ہو گئے ہیں
جو لوگ کہہ رہے تھے ہوگا نہ وصل اب کے
اُن سب کے زیرِ سایہ ہم ایک ہو گئے ہیں
بیچی ہے ذات ہم نے اس پیار کے سفر میں
اس کا یہ مول پایا ہم ایک ہو گئے ہیں
مغموم آنسوؤں کی بے خود عبادتوں کا
وقتِ قبول آیا ہم ایک ہو گئے ہیں
ہجراں کی تندیوں میں جینا محال تھا جب
جینے کا حل یہ پایا ہم ایک ہو گئے ہیں
جن کو یقیں نہیں تھا چاہت ہماری سچ ہے
سچ ان کو کر دکھایا ہم ایک ہو گئے ہیں
کب کر سکا کوئی بھی ترکِ وفا پہ مائل
ٹھکرا کے جاہ و مایہ ہم ایک ہو گئے ہیں
اب موت بھی جو آئے تو کوئی غم نہ ہوگا
جینے کا لطف پایا ہم ایک ہو گئے ہیں
کل شب سے سسکیوں کا تانتا بندھا ہوا ہے
کل پھر یہ خواب آیا ہم ایک ہو گئے ہیں
 


٭

اب دیکھ ذرا تُو ایک نظر دل اُجڑا ہے ویران نگر
آباد تجھی سے تھا یہ گھر دل اُجڑا ہے ویران نگر

ہر دھڑکن اُجڑی اُجڑی ہے ہر جذبہ اُجڑا اُجڑا ہے
سب اُجڑا سا ہے زادِ سفر دل اُجڑا ہے ویران نگر

دُنیا میں سچ مچ ایسا ہے یا میری آنکھ کا دھوکہ ہے
لگتا ہے مجھ کو آج تو ہر دل اُجڑا ہے ویران نگر

اِک شور الم کا اُٹھتا ہے اک گونج سنائی دیتی ہے
اِک کُوک مجھے دیتی ہے خبر دل اُجڑا ہے ویران نگر

ہر لمحہ محوِ حیرت ہوں کس آس پہ اب میں زندہ ہوں
جیتا ہوں کاہے شام و سحر دل اُجڑا ہے ویران نگر

کمزور وفا نہ تھی میری، با لوث عطا نہ تھی تیری
دونوں کا بن گیا آج مگر دل اُجڑا ہے ویران نگر

اب ہونی اور انہونی کے مابین صفیؔ کچھ فرق نہیں
کس بات کا لے گا اب کے اثر دل اُجڑا ہے ویران نگر

 
چودھویں کا چاند

	چودھویں کے چاند کی
	روشنی میں ڈوب کر
	ہجر کی تھکن سے چُور
	ڈولتے ہوئے بدن
	پیار کی پناہ میں
	ایک دوسرے کے سنگ
	بازوؤں کے گھیرے میں
	خواب جو رقم کریں
	اُس کا صرف اک گواہ
	چودھویں کا چاند ہے
	چودھویں کا چاند بس
	ایک رات ہی تو ہے
 

گوری

اپنی سندرتا کا پالن یونہی گوری کرتی رہنا
پچھلی یادوں کے سیندور سے اپنی مانگ کو بھرتی رہنا
بِرہا میں دل کومل جذبوں کی کوملتا کھو دیتا ہے
جذبوں کی رکھوالی کرنا، برہن پن سے ڈرتی رہنا
جیون سندر اور سفل ہونے کی ایک ہی صورت ہے یہ
درشن دے کر ہر شب گوری دور اندھیرے کرتی رہنا
پچھلی رُت کا چاند کبھی پھر جوبن پر آ جائے تو
نام مرا لے لے کر پیہم ہر اک شام سنورتی رہنا
دیکھ صفیؔ کو چاروں جانب تیرا روپ نظر آتا ہے
خود کو اس نے دان کیا ہے تو جو چاہے کرتی رہنا

 

٭

سبھی دکھ درد اِس دل کے ہواؤں میں بکھر جائیں
ترا اِک لمس مِل جائے تو سرتاپا نکھر جائیں

یہاں آ کر ہمیں جاناں بڑی تسکین ہوتی ہے
نکل کر تیری بانہوں سے بتا اب ہم کدھر جائیں

جہاں کچھ بھی نہ ہو اپنی محبت کے سوا جاناں
چلو آؤ کہ ہم دونوں بہم مِل کر اُدھر جائیں

ہمیں تو تیری خوشبو نے عجب پاگل بنا ڈالا
کبھی آئیں اِدھر واپس، کبھی ہم پھر اُدھر جائیں

 بڑی مشکل سے میں نے اپنے جذبوں کو سنبھالا ہے
نہ پھر سے یہ تمھاری بے رُخی سے ہی بپھر جائیں

یقینا اب کے جاں جائے گی جو چھوڑا مجھے تو نے
نہیں ایسا کہ صرف اب کے بس اک دل اور جگر جائیں

محبت میں عتیقؔ اب کے مقام آیا ہے اک ایسا
تڑپ اُن کو بُلا لیتی ہے واپس، ہم جدھر جائیں

 



٭


آخر کب تک داغِ جگر کو سب سے چھپا کے رکھوں گا
روکھی پھیکی چہرے پر مُسکان سجا کے رکھوں گا

ایک نہ اِک دن بھید یہ میرا سب پر ہی کھل جائے گا
لوگوں سے کہنے کو کوئی بات بنا کے رکھوں گا

شہر یہ سارا دِن کو بھی تاریک سا اب تو لگتا ہے
تیرے لوٹ آنے تک میں دل کو جلا کے رکھوں گا



٭

اک پل کی رفاقت بھی احسان سمجھتا ہوں
تم کچھ نہ کہو پھر بھی اے جان سمجھتا ہوں

قسمت کا ستم دیکھو میں مِل بھی نہیں سکتا
حالانکہ تجھے اپنی پہچان سمجھتا ہوں

آنکھوں کی زباں ہر جا بس ایک ہے دنیا میں
جو سمجھے نہ اس کو میں نادان سمجھتا ہوں

ہر روز خیالوں میں جو چاند ستاتا ہے
دکھ درد کا میں اس کو سامان سمجھتا ہوں

قسمت کی لکیروں کا قائل تو نہیں لیکن
قاتل جو بنیں گے وہ ارمان سمجھتا ہوں

اب سوچ لیا میں نے جو ہوگا وہ دیکھوں گا
سو تیرے لیے یہ دل میں دان سمجھتا ہوں

اب تم بھی تلاش اپنی موقوف ہی کر ڈالو
میں آج سے ہر چہرہ انجان سمجھتا ہوں

اس ذات کے زنداں میں ہر شام جو ہوتی ہے
دستک وہ صفیؔ دل کی ہر آن سمجھتا ہوں
’’پہچان‘‘  انعام یافتہ  (www.pehchaan.com)
 
٭



اب ہمارے درمیاں کچھ نہ کچھ تو ہے جناب
یہ نظر کی کہکشاں کچھ نہ کچھ تو ہے جناب

چاہتوں کے دیپ تو جل رہے ہیں اس طرف
اُس طرف بھی یہ دھواں کچھ نہ کچھ تو ہے جناب

نارسائی کا گِلہ کر سکے نہ جن سے ہم
آج وہ ہیں خود رساں کچھ نہ کچھ تو ہے جناب

مستقل گریز پا، کس لئے ہوئے ہیں آج
اس قدر وہ مہرباں کچھ نہ کچھ تو ہے جناب

آ رہی ہے رت وہی اوّلیں ملاپ کی
جب کہا تھا اب یہاں کچھ نہ کچھ تو ہے جناب

دھڑکنوں کی لے پہ بھی پوچھنے لگا صفیؔ
آج دل یہ بے زباں کچھ نہ کچھ تو ہے جناب

 
پھر کیا کرو گی


اگر میں نہ آیا تو پھر کیا کرو گی
نہ دیپک جلایا تو پھر کیا کرو گی
ترے بعد پل بھر بھی جی کب سکا میں
کسی نے بتایا تو پھر کیا کرو گی
مجھے تجھ سے شکوہ ہے جو عمر بھر کا
اگر وہ سنایا تو پھر کیا کرو گی
بچا لوں گا تجھ کو میں رنج و الم سے
نہ خود کو بچایا تو پھر کیا کرو گی
وہ دُکھ تُو نے جو میرے دل کو دیا ہے
نہ سب سے چھپایا تو پھر کیا کرو گی
مجھے آج کہتی ہو میرے ہو تم اب
میں گر کل نہ بھایا تو پھر کیا کرو گی
جو خوابوں کی تعبیر کو تو نے جاناں
سحر کو نہ پایا تو پھر کیا کرو گی
محبت کی دشوار راہوں میں تم کو
ملا گر نہ سایہ تو پھر کیا کرو گی
کوئی اور آ کے صفیؔ کی جگہ پر
نہ دل میں سمایا تو پھر کیا کرو گی
			      ’’پہچان‘‘  انعام یافتہ  ((www.pehchaan.com	

 
٭

پھر نہ ہو پائیں جُدا یوں ہاتھ میرا تھام لو
پیار کا ہو سلسلہ یوں ہاتھ میرا تھام لو

زندگی کا راستہ ہے تلخیوں کا ریگ زار
چین کی ہو پھر ہوا یوں ہاتھ میرا تھام لو

دل بھی میرا منتشر ہے اور زخمی روح بھی
تم ہی جیسے ہو دوا یوں ہاتھ میرا تھام لو

سانس جیسے ہے ضروری زندگی کے واسطے
ساتھ اپنا ہو سدا یوں ہاتھ میرا تھام لو

نام تیرے کر چکا ہوں اپنی ساری زندگی
آگے بڑھ کے تم ذرا یوں ہاتھ میرا تھام لو

زندگی ساری مری اب وحشتوں کی نذر ہے
کِھل اُٹھے پھر دِل مرا یوں ہاتھ میرا تھام لو

چودھویں کا چاند جیسے چاندنی کو اوڑھ لے
اے ضیائے دِلرُبا یوں ہاتھ میرا تھام لو

زندگی سے جب تلک بھی کوئی ناطہ تھا صفیؔ
دل یہی کہتا رہا یوں ہاتھ میرا تھام لو

 
٭

ضرورت ہو کوئی ہر پل مجھے تم یاد آتے ہو
مری سب مشکلوں کے حل مجھے تم یاد آتے ہو

شبِ تیرہ کے دامن میں بسی ہے زندگی میری
تڑپتا ہے دلِ بے کل مجھے تم یاد آتے ہو

لکھے تھے جو کبھی تم نے محبت کے وہ خط سارے
مری آنکھوں کے ہیں بادل مجھے تم یاد آتے ہو

ستاروں سے بھرا یہ تو فلک یوں مجھ کو لگتا ہے
کہ ہو جیسے ترا آنچل مجھے تم یاد آتے ہو

جدائی کی گھنی شامیں ہمیشہ مجھ کو لگتی ہیں
تمہاری آنکھ کا کاجل، مجھے تم یاد آتے ہو

کبھی اٹکھیلیاں کرتے سمندر کے کنارے پر
میں دیکھوں جب کوئی چنچل مجھے تم یاد آتے ہو

اگر ممکن ہو بس اک بار آ جاؤ مجھے ملنے
کہ اب دل ہے بہت بوجھل مجھے تم یاد آتے ہو

اکیلے پن کی جاں لیوا سی حالت میں صفیؔ اب کے
ہوا ہے حوصلہ بھی شل مجھے تم یاد آتے ہو
 

میری سوچ کے ساحل  پر


میری سوچ کے ساحل پر
تنہا سی جو لڑکی ہے
اس دل میں تو آتش بس
اُس کے دم سے بھڑکی ہے


میری سوچ کے ساحل پر
اُس نوخیز کی خوشبو ہے
آنکھوں کے اس گلشن میں
اُس کی ہستی ہر سُو ہے



میری سوچ کے ساحل پر
دل کی کشتی ڈولتی ہے
کم کر دو کچھ درد کا بوجھ
ہر اک لہر یہ بولتی ہے


میری سوچ کے ساحل پر
گھور اندھیرا چھایا ہے
جب سے لوٹا ہے ساجن
تب سے کوئی نہ آیا ہے


میری سوچ کے ساحل پر
یادوں کی بھی روانی ہے
اُن یادوں میں آہوں کی
اپنی ایک کہانی ہے


میری سوچ کے ساحل پر
لوگوں کا اک میلہ ہے
پھر بھی جاناں تیرے بن
دل یہ کتنا اکیلا ہے


میری سوچ کے ساحل پر
ایک صدا کا ڈیرہ ہے
جس کا ایک ہی مطلب ہے
تو ہر حال میں میرا ہے


میری سوچ کے ساحل پر
جب جب بارش ہوتی ہے
ہر ہر خواہش اس دل میں
تیری یاد میں روتی ہے


میری سوچ کے ساحل پر
نظموں کا اک میلہ ہے
ان میں اس کا چرچا ہے
کھیل جو تو نے کھیلا ہے


میری سوچ کے ساحل پر
اشکوں کی نمکینی ہے
لہریں یہ جو بے خود ہیں
غم کی یہ سنگینی ہے


میری سوچ کے ساحل پر 
چاندنی جب جب آتی ہے
دل میں تیری خواہش پھر
شب شب بھر کُرلاتی ہے

میری سوچ کے ساحل پر
آہوں کا اک لاوہ ہے
چہرے پر مسکان ہے جو
یہ تو اک دکھلاوہ ہے


میری سوچ کے ساحل پر
درد بپھر کے آیا ہے
دیکھ ترا غم طوفاں میں
خوب نکھر کے آیا ہے

میری سوچ کے ساحل پر


میری سوچ کے ساحل پر
کچھ شبہات کے پہرے ہیں
مثلِ بادل آ جانا
یہ کانوں سے بہرے ہیں


میری سوچ کے ساحل پر
غم کی تیز ہوائیں ہیں
ان سے مجھ کو پیار ہے اب
ان میں تیری صدائیں ہیں


میری سوچ کے ساحل پر
بے بس میں دھوپ کے جذبے ہیں
سکھ سے ہیں اور دکھ سے ہیں
ہر اک روپ میں جذبے ہیں


میری سوچ کے ساحل پر
لاکھوں روگ نہاتے ہیں
اب میں پہلے جیسا نہیں
مجھ کو لوگ بتاتے ہیں


میری سوچ کے ساحل پر
جب بھی کونجیں آتی ہیں
تُو کتنا رنجیدہ ہے
مجھ کو صاف بتاتی ہیں


میری سوچ کے ساحل پر
کتنے پنچھی اُڑتے ہیں
اُن کو اُڑتا دیکھ کے اب
دل ہی دل میں کُڑھتے ہیں

میری سوچ کے ساحل پر


میری سوچ کے ساحل پر
تیری یاد کے سیپ پڑے ہیں
دُور پرے دو لمبے سائے
ان پر آنکھ جمائے کھڑے ہیں

میری سوچ کے ساحل پر
پچھلی رُت کا ساتھ تمہارا
ہر سُو تجھ کو ڈھونڈ رہا ہے
آن ملو اک بار خدارا


میری سوچ کے ساحل پر


میری سوچ کے ساحل پر
جب بھی واپس آؤ گے
پچھلی رُت میں جانِ صفیؔ
جیسا مجھ کو چھوڑا تھا
ویسا ہی تم پاؤ گے
 

موسم

مرے دل کا موسم ہے تیرا مطیع
تُو چاہے تو آنکھوں میں گلشن کھلیں
تُو چاہے تو باتوں میں جگنو ملیں
تُو چاہے تو کانوں میں نورس گھلیں
تُو چاہے تو سانسوں میں سانسیں رچیں
تُو چاہے تو ہونٹوں پہ نغمے سجیں
تُو چاہے تو بانہوں میں جنت رکھیں
تُو چاہے تو راہوں میں تارے بچھیں
تُو جو کچھ بھی چاہے گی ہو گا وہی
مرے دل کا موسم ہے تیرا مطیع
مگر آج شب ہوں میں بے حد اداس

٭

مرے دل کا موسم تو گھبرا رہا ہے
جو تو نے کھلایا تھا آنکھوں میں میری
وہ خوابوں کا گلشن تو مُرجھا رہا ہے
چمکتے تھے باتوں میں پہلے تو جگنو
مگر اب اداسی کا غم چھا رہا ہے
ترے ہی سروں کی تھی خوگر سماعت
مگر آج آہوں کا شور آ رہا ہے
ترستی ہیں تیری ہی خوشبو کو سانسیں
تو فرقت سے دم بھی گھٹا جا رہا ہے
وہ نازک لبوں نے جو روشن کئے تھے
وہ اک اک دِیا اب بجھا جا رہا ہے
یہ بازو تو کب سے ہی سونے پڑے ہیں
مری جان کیوں ان کو تڑپا رہا ہے
چلا سنگ تیرے تو راہیں تھیں روشن
مجھے آج کیا کچھ نظر آ رہا ہے
مرے دل کا موسم تو گھبرا رہا ہے

٭

میں گھبرا کے تجھ سے یہ کہتا ہوں جاناں
کہ آ پھر سے آنکھوں میں گلشن کھلا دے
کہ آ پھر سے باتوں کے جگنو دکھا دے
کہ آ راگ خوشبو کے پھر سے بجا دے
کہ آ سانس سانسوں میں پھر سے ملا دے
کہ آ پھر سے ہونٹوں پہ نغمے سجا دے
کہ آ پھر سے راہوں کو روشن بنا دے

٭

میں کب سے ہوں بیٹھا ترا منتظر
ہے تجھ کو نہیں کوئی میری خبر
نہیں ایسا ممکن اے جانِ جگر
یہ مجھ کو یقیں ہے مرے بارے میں
تو بھی سوچتی ہو گی سب کچھ یہی
ترے دل کا موسم ہے میرا مطیع

 


٭


صَد شکر اپنی قسمت ہم بھی سنوار آئے
ہم ساتھ آج اُن کے دو پل گزار آئے
ٹکتا نہیں خوشی سے پاؤں زمیں پہ اپنا
ہم دل کے ساتھ خود کو بھی آج ہار آئے
سانسوں میں اُن کی خوشبو ہلچل مچا رہی ہے
دیکھوں جو اک نظر تو شاید قرار آئے
دھیرے سے اُٹھ کے جب وہ چپ چاپ چال دیئے تو
آنکھوں میں بس اندھیرے پھر بار بار آئے
دیکھا تو دل کے اندر موجود تھے صفیؔ وہ
اور ہم بھرے نگر میں اُن کو پکار آئے
 

ضوابط محبت کے معلوم سب ہیں

ارے رے مری بات پوری تو سن لو
اکیلے میں اپنا جیا نہ جلاؤ
سنور جائے گی ایک پل میں یہ دنیا
اگر بات میری یہ تم مان جاؤ
ضوابط محبت کے معلوم سب ہیں
ذرا اپنی جھکتی یہ نظریں اٹھاؤ
تھما دو مرے ہاتھ میں ہاتھ اپنا
تم آنچل سے چہرے کو یوں نہ چھپاؤ
ضوابط محبت کے معلوم سب ہیں
صنم پاس آؤ تو بتلائیں گے ہم
ذرا تم لبوں کو تو رکھ دو لبوں پر
پھر اگلا قدم تم کو سمجھائیں گے ہم
ضوابط محبت کے معلوم سب ہیں
بتا آج ہم تم ارے غیر کب ہیں
تقاضے محبت کے پورے کرو اب
یہ مائل بہ فریاد پھر آج لب ہیں
یہ مائل بہ فریاد پھر آج لب ہیں
 
٭

جھلکتا ہے آنکھوں میں وہ آج ایسے
فلک پر نظر آتا ہے چاند جیسے

بدلتی ہے ترجیحِ انساں ہمیشہ
محبت اثر پھر بھی رکھتی ہے ویسے

نئے دور میں بات سچ اُس کی ٹھہرے 
جو بڑھ کے ضرورت سے رکھتا ہے پیسے

جنہیں تاج محلوں کی تھی آرزو وہ
بھلا دل کسی کا بھی رکھ لیتے کیسے
 

گزارش

مرے دل کی ریاست کا
جو اک دارالخلافہ ہے
اسی دارالخلافہ میں
ہے جذبوں کی بھی کابینہ
تو اس جذبوں کی کابینہ کا تو ہے حاکم اعلیٰ
محبت کی سبھی باتیں
سبھی کی سب مراعاتیں
اور اس پر مہربانی کے بھی سارے بل
تُو ہی تَو پاس کرتا ہے
سو کابینہ کی اب تجھ  سے
یہی بس اک گزارش ہے
لبوں کی بھی سفارش ہے
محبت کی جو بارش ہے
برسنے دے اسے خود پر
برسنے دے اسے خود پر
 
یو ۔ ٹرن

کہاں دل کو یقیں تھا یہ
زمانے میں فسانے میں
محبت نام جیسی شے
ذرا سی پائی جاتی ہے
مگر پھر آج قاصد نے
ابھی کچھ سال پہلے کا
وہ قصہ پھر ہے دہرایا
نجانے کس کی قسمت کا 
ستارہ ہوگی وہ گڑیا
اور اس معصوم کی چاہت
کا سندیسہ لیے قاصد
درِ بے بس پہ ہے آیا 
 

اس نے آ کر کہنا ہے


’’قسمت میں جو لکھا ہے وہ آخر ہو کر رہنا ہے‘‘
مت ہو بے کل دیوانے یہ اس نے آ کر کہنا ہے
یادیں بھی تو حاصل ہیں الفت کے مشکل رستوں کی
تیرا میرا پیار تو ویسے بھی انمول سا گہنا ہے
لازم تو پھر یہ بھی نہیں کہ قسمت میں بس فرقت ہو
پانا ہے گر منزل کو تو غم کو ہنس کر سہنا ہے
چلتے ہیں حالات کے رُخ پر اک دن موسم بدلے گا
اپنی راہ بنانے کو کچھ دیر تو اس میں بہنا ہے
دیکھ صفیؔ میں تجھ سے ملنے اتنی دور سے آئی ہوں
بازو پر ترے پیار کا کنگن آج بھی میں نے پہنا ہے
 

٭

بجھتے دئیے جلائے گا تیرے بغیر کون
کچے گھڑے پہ آئے گا تیرے بغیر کون

بچھڑے ہیں یوں تو اور بھی ساتھی کئی یہاں
رہ رہ کے یاد آئے گا تیرے بغیر کون

مت جا ابھی کہ ضبط کا بے حد ہے حوصلہ
اِس دل کو راس آئے گا تیرے بغیر کون

سورج تو دھوپ بانٹنے آتا رہے گا،پر
تاریکیاں مٹائے گا تیرے بغیر کون

جیون میں عہدِ خواب کی تعبیر بانٹ کر
نیندیں مری چرائے گا تیرے بغیر کون

ویسے تو آس پاس ہیں چہرے حسیں کئی
لیکن صفیؔ کو بھائے گا تیرے بغیر کون 
 


مری ہم سفر

مری ہمسفر ابھی اور ہیں
کئی رنج و غم کی مسافتیں
نہیں مختصر سا یہ فاصلہ
کہ نصیب ہوں کئی راحتیں
یہ بجا کہ ہر سُو اندھیر ہے
ابھی دن نکلنے میں دیر ہے
مری ہمسفر کوئی غم نہ کر 
کوئی شب ہو انت سویر ہے
 



٭

کچھ لطف دے رہا ہے فرقت کا جام اب کے
او چھوڑ جانے والے تجھ کو سلام اب کے

کب اور ہے کسی کی چاہت ہمارے دل میں
جرمِ وفا رہے گا تیرے ہی نام اب کے

تا عمر اب کبھی بھی ہو گا نہیں اندھیرا
کچھ ایسے جل رہی ے ہر ایک شام اب کے

وہ تلخیِ زمانہ جس سے تھا ہم کو شکوہ
ہم نے تو کر دیا ہے سب اس کے نام اب کے

کچھ زندگی کی راہیں آسان ہو رہی ہیں
اِک بار پھر سے کر جا بد نامِ عام اب کے

وہ یاد چاہے آئے یا درد سر اُٹھائے
ہم نے تو کر لیا ہے اِس دل کو رام اب کے

آنا نہ اب یہاں پر چہرے بدل بدل کر
سُن لو جہاں پہ ہو تم میرا پیام اب کے

 
سپردگی

سپردگی کی کیفیت بعید از بیان تھی
یہ جان لو کہ جسم دو تھے اور ایک جان تھی
شروع میں وصال کی جو لب پہ داستان تھی
وہ صرف اک خیال تھا، وہ سوچ کی اُڑان تھی
پھر اس کے بعد روز و شب کے سلسلوں کے درمیاں
یہی تو اک مآل تھا، یہی تو ایک شان تھی

اور اب کے داستان یہ مرض ہے وحشتوں کا ہی
اور اب کے یہ ہی ضو فشاں تو زندگی پہ قرض ہے

تو قرض کوئی بھی ہو وہ بھلا نہیں ہوا کبھی
چکانا ایسے قرض کو بھی اب ہمارا فرض ہے
جو سن سکو تو لوٹ آؤ ایک بار پھر سے تم
سپردگی میں اب یہی مرے لبوں پہ عرض ہے

 

٭

جدائی میں رسوائی اچھی لگی ہے
کہیں جا کے تنہائی اچھی لگی ہے
خدا جانے کیسے پلٹ آئیں یادیں
مگر دل کی انگڑائی اچھی لگی ہے
وہ لہجہ ہمیشہ رہا دھیما دھیما
وہ جب جب بھی شرمائی اچھی لگی ہے
تصور میں ملنا ہے ملنے سے بڑھ کے
بہت دل کو شہنائی اچھی لگی ہے
سنا ہے وہ ہم سے بچھڑ کر بھی خوش ہیں
ہمیں بھی یہ تنہائی اچھی لگی ہے
وہی پرفیوم اِک لگا کر کسی نے
جو ہے سانس مہکائی اچھی لگی ہے
صفیؔ اُس کی بس اِک جھلک دیکھنے کو
یہ اکھیوں کی ترسائی اچھی لگی ہے
 
٭

ہر سمت یہ ایک دہائی ہے سب کے ہمرہ چل پڑتا ہے
یہ عشق نہیں رُسوائی ہے سب کے ہمرہ چل پڑتا ہے

اِک چاند صفت محبوب کے بارے ہم کو یہ معلوم نہ تھا
یہ چاند بھی اِک ہرجائی ہے سب کے ہمرہ چل پڑتا ہے

ہر بار وفا کی راہوں میں اس دل نے ٹھوکر کھا کھا کر
اب عادت یہ اپنائی ہے سب کے ہمرہ چل پڑتا ہے

غم چھوڑ زمانہ تیرے لئے دستور اپنا کیوں بدلے گا
یہ آوارہ پُروائی ہے سب کے ہمرہ چل پڑتا ہے

یہ بات صفیؔ کچھ ٹھیک نہیں اب تو بھی اپنی رہ پر چل
اس بات میں بھی رُسوائی ہے سب کے ہمرہ چل پڑتا ہے
 

٭

لے گی نسلِ نو حساب تیرے میرے پیار کا
کل کھلے گا پھر گلاب تیرے میرے پیار کا

کل شبِ سیاہ کی مٹیں گی ساری ظلمتیں
نور دے گا ماہتاب تیرے میرے پیار کا

وقت کے سپرد کی ہیں ہم نے اپنی چاہتیں
وقت دے گا اب جواب تیرے میرے پیار کا

جب تلک ہے گلستان ’’جان‘‘ ساری تتلیاں
دیکھتی رہیں گی خواب تیرے میرے پیار کا

پچھلی رُت میں ایک شام ایسی بھی تو آئی تھی
محوِ وصل تھا شباب تیرے میرے پیار کا

یوں نہیں کہ فرقتیں سرد کر چکیں اِسے
بڑھ رہا ہے اِضطراب تیرے میرے پیار کا
 
٭

یہ دل نگری ویران ہوئی اب پچھلی رُت نہ آئے گی
وہ اور کسی کو دان ہوئی اب پچھلی رُت نہ آئے گی

بے سُدھ ہیں یادیں دل میں اور دل اُجڑا سا ویران نگر
ویرانی ہے مہمان ہوئی اب پچھلی رُت نہ آئے گی

جس رُت میں ہم نے صدیوں کو لمحوں کی طرح محسوس کیا
وہ رُت آخر بے جان ہوئی اب پچھلی رُت نہ آئے گی

کچھ درد ڈھلا ہے اشکوں میں وارستہ جان کے درپے ہے
’’بے دردی‘‘ تو انجان ہوئی اب پچھلی رُت نہ آئے گی

سوچوں کے ساحل پر تنہا وہ چھوڑ کے مجھ کو آج صفیؔ
جو اور کسی کا مان ہوئی اب پچھلی رُت نہ آئے گی

 
قطعات

ہر درد سِوا ہو جاتا ہے
محشر سا بپا ہو جاتا ہے
اک یاد کے دل میں آتے ہی
دل کیا سے کیا ہو جاتا ہے

٭

خاموشی آگ لگا دے گی
یہ سچ کو جھوٹ بنا دے گی
جو کہنا ہے وہ کہہ ڈالو
ورنہ تاخیر سزا دے گی


تمہی ہو محبت کی تصویر جاناں
تمہی سے وفاؤں میں تاثیر جاناں
تمہی سے عبارت صحیفۂ الفت
تمہی اس کی خوش کن سی تفسیر جاناں

٭
تصور میں تیرے جو کھو جاتا ہوں
تو یادوں کے بستر پہ سو جاتا ہوں
تری سمت سے آئے جو بھی خبر
اُسے سن کے ویسا ہی ہو جاتا ہوں

٭

مجھے ہمت جدا تم سے کہاں رہنے کو ہوتی ہے
نگینے کی ضرورت تو سدا گہنے کو ہوتی ہے
اگر تم ساتھ دو میرا یہ دنیا یوں بدل جائے
کہ جنت تو مری جاں بس حسیں کہنے کو ہوتی ہے

٭

یہ کیسی جدائی ہے جو روز افزوں
تجھے پاس اس دل کے لانے لگی ہے
چلے آؤ اب تو جدائی میں میری
تمھاری قسم جان جانے لگی ہے
 
٭

سبھی باتیں کہاں کہنے کی ہوتی ہیں
بہت ساری تو چپ رہنے کی ہوتی ہیں
جو چپ رہنے کی ہوتی ہیں وہ سب باتیں
سدا رنج و الم سہنے کی ہوتی ہیں

٭

دلِ مضطرب مری بات سُن
کبھی اس طرح کے نہ خواب بُن
یہ جو ضد پکڑ لی ہے چھوڑ دے
کوئی بے خطر سی تُو راہ چُن



کوئی جلتی بلتی ہی کہئے
چپ چاپ خدارا مت رہئیے
یہ غم دل کو لے ڈوبے گا
ایسے نہ دل پر غم سہئیے
٭

مرے دل کی وحشت تو بڑھتی رہے گی
یہ احساس کی شاخ سڑتی رہے گی
صفیؔ سے کنارہ کشی کرنے والے
محبت جدائی سے لڑتی رہے گی
 
٭

جدائی مقدر میں لکھی ہے جس نے
وہی وصل و قربت کی تدبیر دے گا
دعاؤں سے ہاتھوں کو گرنے نہ دینا
وہ اک دن دعاؤں میں تاثیر دے گا
 


متفرق اشعار



اے کاش معجزہ یہ اپنے ہی بس میں ہو
دل جس کو چاہتا ہے وہ دسترس میں ہو
٭

اس کی نظروں سے غم اپنا اوجھل رہا
اس لئے دل ہمیشہ ہی بوجھل رہا
٭

دُور تک نگاہ میں گلستاں سے کھل اُٹھے
بر سبیلِ تذکرہ جو نام تیرا آ گیا
٭

اک تیری محبت میں کچھ یاد نہیں مجھ کو
رب جانے میں دنیا میں کس کام سے آیا تھا
٭

کیا خبر تھی خواب میرے رنگ یہ لائیں گے اک  دن
ہاتھ زخمی کر لئے ہیں کرچیاں چنتے ہوئے
٭

تڑپا رہا ہے ایک ہی احساس ان دنوں
وہ کون ہے تو جس کے ہے اب پاس ان دنوں
****

مصنف کی اجازت اور تشکر کے ساتھ
ان پیج سے تبدیلی، تدوین،  اور برقی کتاب کی تشکیل: اعجاز عبید