﻿


تخیّل کی موت



ارون دتی رائے

انگریزی سے ترجمہ : اجمل کمال




"ریگستان کانپ اٹھا،" حکومتِ ہندوستان نے ہمیں (اپنے عوام کو) بتایا۔
"پورا پہاڑ سفید ہو گیا،" حکومتِ پاکستان نے جواب دیا۔
***



سہ پہر تک پوکھرَن کی ہوا خاموش ہو چکی تھی۔ تین بج کر پینتالیس منٹ پر ٹائمر نے تینوں ایٹمی ڈیوائس چلا دیں۔ زمین میں ۳۰۰ سے ۴۰۰ میٹر تک کی گہرائی میں جو حرارت پیدا ہوئی وہ دس لاکھ ڈگری سینٹی گریڈ کے برابر تھی __ یعنی اُس درجۂ حرارت کے برابر جو سورج پر پایا جاتا ہے۔ ایک چشم زدن میں ہزاروں ٹن وزنی چٹانیں، گویا سطحِ زمین سے نیچے ایک پوری پہاڑی کے برابر، بخارات میں تبدیل ہو گئیں... دھماکے سے اٹھنے والی زلزلے کی لہروں نے فٹ بال کے میدان کے برابر وسیع ریت کے ٹیلے کو کئی میٹر اوپر اٹھا دیا۔ یہ منظر دیکھ کر ایک سائنس داں نے کہا: "اب مجھے ان کہانیوں پر یقین آ گیا جن میں بتایا جاتا تھا کہ بھگوان کرشن نے پہاڑی کو اٹھا لیا تھا۔"

("انڈیا ٹوڈے")



مئی ۱۹۹۸۔ اس کا ذکر تاریخ کی کتابوں میں آئے گا، بشرطے کہ تاریخ کی کتابیں ہوئیں۔ بشرطے کہ ہمارا کوئی مستقبل ہوا۔
	نیوکلیئر اسلحے کے بارے میں کہنے کو کوئی نئی یا اوریجنل بات باقی نہیں رہی ہے۔ کسی فکشن نگار کے لیے اس سے زیادہ ذلّت آمیز بات کوئی نہیں ہو سکتی کہ اسے وہ باتیں دُہرانی پڑیں جو دوسرے لوگ دنیا کے دوسرے حصوں میں نہایت جذبے سے، بڑی وضاحت سے اور اپنے علم کی بنیاد پر برسوں سے کہتے آ رہے ہیں۔
	میں یہ ذلّت اُٹھانے کو تیار ہوں۔ خود کو عاجزی کے ساتھ سرنگوں کرنے کو تیار ہوں، کیوں کہ ان حالات میں خاموشی ناقابلِ مدافعت ہو گی۔ آپ میں سے بھی جو لوگ اس کے لیے تیار ہوں: آئیے ہم اپنے اپنے کردار اٹھائیں، اپنے رد کردہ لباس پہنیں اور اس المناک سیکنڈ ہینڈ کھیل میں اپنے سیکنڈ ہینڈ مکالمے ادا کریں۔ لیکن ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ اس کھیل پر لگا ہوا داؤ بہت بڑا ہے۔ خود پر تھکن یا شرم طاری کر لینے کا مطلب ہمارا خاتمہ ہو گا۔ ہمارے بچوں کا اور بچوں کے بچوں کا خاتمہ۔ ہر اُس چیز کا خاتمہ جس سے ہمیں محبت ہے۔ ہمیں اپنے اندر رسائی پا کر سوچنے کی قوّت حاصل کرنی ہو گی۔ اور لڑنے کی۔
	ایک بار پھر ہم وقت سے بہت پیچھے ہیں __ نہ صرف سائنس اور ٹیکنولوجی کے اعتبار سے (اس بارے میں کیے جانے والے دعوے بالکل لغو ہیں) بلکہ زیادہ اہم بات یہ کہ ایٹمی اسلحے کی اصل نوعیت کو سمجھ پانے کی نااہلیت کے اعتبار سے۔ ہارر ڈپارٹمنٹ کے بارے میں ہماری سمجھ بوجھ افسوسناک طور پر از کار رفتہ ہے۔ ہم لوگ __ ہندوستان اور پاکستان کے رہنے والے تمام لوگ __ سیاست اور خارجہ پالیسی کے باریک نکات پر یوں بحث کر رہے ہیں گویا ہماری حکومتوں نے محض ایک نئی قسم کا، پہلے سے زیادہ بڑا، بم تیار کیا ہے، ایک طرح کا بہت بڑا دستی بم جس کی مدد سے وہ اپنے دشمن کو (یعنی ایک دوسرے کو) نیست و نابود کر دیں گی اور ہمیں ہر قسم کے ضرر سے بچا لے جائیں گی۔ ہم کس قدر بےتابی سے اس بات پر یقین کرنا چاہتے ہیں۔ ہم کس قدر قابلِ تعریف، سدھائی ہوئی اور احمق رعایا ثابت ہوے ہیں۔ باقی بنی نوع انسان (ہاں، ہاں، مجھے معلوم ہے، مجھے معلوم ہے، مگر فی الحال ہمیں "اُن" کو بھول جانا چاہیے۔ وہ اپنا ووٹ کا حق بہت پہلے گنوا چکے ہیں)، بنی نوع انسان کا بقیہ حصہ شاید ہمیں معاف نہ کرے، مگر بنی نوع انسان کے بقیہ حصے کو شاید علم ہی نہیں کہ ہم کس قدر دل شکستہ اور مایوس لوگ ہیں۔ اسے شاید اندازہ ہی نہیں کہ ہمیں کسی معجزے کی کس قدر شدید اور فوری ضرورت ہے؛ ہمیں طلسم کی کس قدر سخت آرزو ہے۔
	کاش ایسا ہوتا کہ ایٹمی جنگ محض جنگ کی ایک اور قسم ہوتی۔ کاش اس کا تعلق اُنھیں عام طرح کی چیزوں سے ہوتا __ قوموں اور ملکوں سے، دیوتاؤں اور تاریخ سے۔ کاش ایسا ہوتا کہ ہم میں سے جو لوگ اس سے دہشت زدہ ہیں وہ محض اخلاقی جرأت سے محروم، بزدل اور نکمے لوگ ہوتے جو اپنے اعتقادات کے دفاع میں جان قربان کرنے کو تیار نہیں۔ مگر ایسا نہیں ہے۔ اگر ایٹمی جنگ ہوئی تو ہمارا سامنا چین یا امریکا سے، یا حتی کہ ایک دوسرے سے بھی، نہیں ہو گا۔ ہماری دشمنی خود کرۂ ارض سے ہو گی۔ فطرت کے عناصر __ آسمان، فضا، زمین، ہوا اور پانی __ ہمارے خلاف صف آرا ہو جائیں گے۔ اور ان کا غضب نہایت ہولناک ہو گا۔
	ہمارے شہر اور جنگل، ہمارے کھیت اور گاؤں کئی دن تک متواتر جلتے رہیں گے۔ دریا زہر میں تبدیل ہو جائیں گے۔ فضا آگ میں بدل جائے گی۔ ہوا اس آگ کے شعلوں کو دور دور تک پھیلا دے گی۔ جب جلنے کے قابل ہر شے جل چکی ہو گی اور آگ بجھ جائے گی تو دھواں اٹھ کر سورج کو ڈھانپ لے گا۔ زمین پر تاریکی چھا جائے گی۔ پھر دن نہیں نکلے گا۔ کبھی نہ ختم ہونے والی رات شروع ہو گی۔ درجۂ حرارت گر کر نقطۂ انجماد سے نیچے چلا جائے گا اور ایٹمی موسمِ سرما کا آغاز ہو جائے گا۔ پانی زہریلی برف میں تبدیل ہو جائے گا۔ ریڈیو ایکٹو اثرات زمین کی تہوں میں اُتر کر سطح کے نیچے پانی کے ذخیروں کو آلودہ کر دیں گے۔ بیشتر زندہ چیزیں __ جانور اور نباتات، سمندری اور گھریلو جاندار __ مر جائیں گی۔ صرف چوہے اور کاکروچ اپنی نسل بڑھائیں گے اور باقی ماندہ خوراک حاصل کرنے کے لیے باقی ماندہ انسانوں سے مقابلہ کریں گے۔
	تب ہم کیا کریں گے __ یعنی ہم میں سے وہ لوگ جو اُس وقت تک زندہ رہے؟ کھال جلی ہوئی، آنکھیں بینائی سے محروم، بال جھڑے ہوے اور جسم شدید بیمار، اپنے بچوں کے کینسرز دہ ڈھانچوں کو بازوؤں میں سنبھالے، ہم لوگ کہاں جائیں گے؟ کیا کھائیں گے؟ کیا پیئں گے؟ کس ہوا میں سانس لیں گے؟
	بھابھا ایٹمی ریسرچ سینٹر، بمبئی، کے صحت، ماحول اور تحفظ کے گروپ کے سربراہ کے پاس اس صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ایک منصوبہ موجود ہے۔ اس نے ایک انٹرویو ("دی پائنیر"، ۲۴ اپریل ۱۹۹۸) میں اعلان کیا کہ ہندوستان ایٹمی جنگ سے گزر کر بچ سکتا ہے۔ اس کا مشورہ ہے کہ ایٹمی جنگ ہونے کی صورت میں ہمیں تحفظ کے انھیں اقدامات پر عمل کرنا چاہیے جو سائنس دانوں نے ایٹمی پلانٹ پر کسی حادثے کی صورت میں تجویز کیے ہیں۔
	آیوڈین کی گولیاں کھائیں __ یہ اس کا مشورہ ہے __ اور دوسری احتیاطیں کریں، مثلاً باہر نہ نکلیں، کھانے پینے کے لیے صرف ذخیرہ کی ہوئی اشیا استعمال کریں اور دودھ سے پرہیز کریں۔ شیرخوار بچوں کو پاؤڈر کا دودھ دیں۔ "خطرے کے زون میں موجود لوگوں کو چاہیے کہ فوراً گراؤنڈ فلور پر، اور اگر ممکن ہو تو تہہ خانے میں، چلے جائیں۔"
	عقل کے فتور کی ایسی منزلوں کے سلسلے میں آپ کیا کر سکتے ہیں؟ ایسی صورت میں آپ کیا کریں گے جب آپ کسی دماغی شفا خانے میں قید ہوں اور ڈاکٹر تمام خطرناک ذہنی مریض ہوں؟
	ان باتوں کو نظرانداز کر دیجیے، یہ محض ایک ناول نگار کے جاہلانہ خیالات ہیں __ وہ لوگ آپ سے کہیں گے __ محض ایک یاسیت پسند ذہن کی مبالغہ آرائی۔ ایسی صورتِ حال کبھی رونما نہیں ہو گی۔ ایٹمی اسلحے کا تعلق جنگ سے نہیں بلکہ امن سے ہے۔ DETERRENCE اُن لوگوں کا پسندیدہ لفظ ہے جو خود کو عقاب (hawks) سمجھنا پسند کرتے ہیں۔ (عقاب بڑا شاندار پرندہ ہے۔ خنک مزاج۔ اسٹائلش۔ شکار کرنے والا۔ افسوس کہ جنگ کے بعد ان میں سے بیشتر ہلاک ہو چکے ہوں گے۔ EXTINCTION وہ لفظ ہے جس کا ہمیں خود کو کوشش کر کے عادی بنانا ہو گا۔) اس پرانے نظریے کو، کہ ایٹمی اسلحہ جنگ کے راستے میں رکاوٹ ثابت ہوتا ہے، دوبارہ زندہ کیا گیا ہے اور اس میں مقامی رنگ شامل کر کے نئی شکل دی گئی ہے۔ سرد جنگ کو تیسری عالمی جنگ میں بدلنے سے بچانے کا سہرا اس نظریے نے اپنے سر باندھ لیا ہے۔ حالاں کہ تیسری عالمی جنگ کے بارے میں صرف ایک بات یقین سے کہی جا سکتی ہے: کہ یہ دوسری عالمی جنگ کے بعد لڑی جانی ہے۔ دوسرے لفظوں میں، اس کا کوئی وقت معیّن نہیں ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ ہمارے پاس اب بھی وقت ہے۔ اور تیسری عالمی جنگ (تھرڈ ورلڈ وار) کی اصطلاح میں "تیسری دنیا" کے لیے جو اشارہ ہے اسے پیش گوئی سمجھنا چاہیے۔ درست، کہ سرد جنگ ختم ہو چکی ہے، لیکن ہمیں ایٹمی اسلحے کے سلسلے میں دس برس کی خاموشی سے دھوکا نہیں کھانا چاہیے۔ یہ محض ایک ظالمانہ مذاق تھا۔ اس بیماری میں صرف ذرا سا وقفہ آیا تھا؛ اس کا علاج نہیں ہوا تھا۔ دس برس کا یہ وقفہ کسی نظریے کو درست ثابت نہیں کرتا۔ دنیا کی تاریخ میں دس برس کے عرصے کی کیا اہمیت ہے؟ یہ دیکھیے، یہ بیماری پھر ظاہر ہوئی۔ پہلے سے زیادہ وسیع علاقے پر پھیلی ہوئی، اور علاج کو پہلے سے کہیں زیادہ بے اثر ثابت کرنے والی۔ نہیں، اس نظریے میں کہ ایٹمی اسلحہ جنگ کے خلاف رکاوٹ ہے، کچھ بنیادی نقائص موجود ہیں۔
	نقص نمبر ایک یہ ہے کہ اس میں فرض کیا گیا ہے کہ ہمیں اپنے دشمن کی نفسیات کے بارے میں مکمل اور تفصیلی آگہی حاصل ہے۔ ہم فرض کر لیتے ہیں کہ جو چیز (اپنے نیست و نابود ہو جانے کی دہشت) ہمیں جنگ سے باز رکھتی ہے وہ ہمارے دشمن کو بھی جنگ سے باز رکھے گی۔ لیکن اُن لوگوں کے بارے میں کیا خیال ہے جنھیں اس خیال سے دہشت محسوس نہیں ہوتی؟ خود کُش بمبار کی سائیکی __ یعنی "تم کو ساتھ لے کر مروں گا" والا مکتبِ فکر __ کیا کوئی ایسی انوکھی انہونی چیز ہے؟ یاد نہیں راجیو گاندھی کیسے قتل ہوا تھا؟
	پھر یہ بھی سوچیے کہ "ہم" کون ہیں اور "دشمن" کون ہے۔ یہ دونوں حکومتیں ہیں۔ حکومتیں بدل جاتی ہیں۔ وہ نقابوں کے اندر نقابیں پہنتی ہیں۔ وہ کینچلیاں بدلتی اور خود کو نئی صورت دیتی رہتی ہیں۔ مثال کے طور پر اِس وقت ہماری جو حکومت ہے اس کے پاس پارلیمنٹ میں اتنی سیٹیں بھی نہیں ہیں کہ وہ اقتدار کا پورا عرصہ گزار سکے، لیکن اس کا مطالبہ یہ ہے کہ ہم اسے ایٹمی اسلحے سے کھیلنے اور کرتب دکھانے کا اختیار دے دیں جبکہ وہ پارلیمنٹ میں محض پیر کا انگوٹھا ٹکائے رکھنے کی جدوجہد میں مصروف ہو۔
	نقص نمبر دو یہ ہے کہ اس نظریے کی بنیاد خوف پر ہے۔ لیکن خوف کی بنیاد علم پر ہوتی ہے۔ یعنی ایٹمی جنگ سے باز رہنے کا خوف اس بات پر منحصر ہو گا کہ اس جنگ سے ہونے والی تباہی اور بربادی کی سطح اور وسعت کا درست علم پایا جاتا ہو۔ یہ ایٹمی اسلحے کی کوئی باطنی، پراسرار خصوصیت نہیں ہے کہ اس سے امن کے خیالات پیدا ہوتے ہوں۔ حکومتوں کو جنگ سے باز رکھنے والی شے ایٹمی اسلحے کا وجود نہیں بلکہ اُن لوگوں کی مسلسل، انتھک اور مردانہ وار جدوجہد ہوتی ہے جو ایٹمی اسلحے کی بر سرِ عام مخالفت کرتے ہیں، جلوس نکالتے ہیں، مظاہرے کرتے ہیں، فلمیں بناتے ہیں اور اپنے طیش کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ ان لوگوں کی جدوجہد تھی جس نے ایٹمی جنگ کو روکا، یا عارضی طور پر ٹالا۔ اس جہالت اور بے علمی کی موجودگی میں جو ہمارے دونوں ملکوں پر ایک گاڑھے، ٹھوس کہُرے کی طرح چھائی ہوئی ہے، ایٹمی اسلحہ جنگ کو روکنے کا ذریعہ ثابت نہیں ہو سکتا۔ (آپ نے مشاہدہ کیا کہ کس طرح وِشو ہندو پریشد پوکھرَن کے صحرا کی ریڈیو ایکٹو ریت ہندوستان بھر میں پرساد کی طرح بانٹنا چاہ رہی تھی۔ شاید اسے "کینسر یاترا" کا نام دیا جاتا!) ایسی دنیا میں جہاں ایٹمی جنگ سے پیدا ہونے والی صورتِ حال کے مقابلے کے لیے آیوڈین کی گولیاں تجویز کی جا رہی ہوں، یہ نظریہ، کہ ایٹمی اسلحہ جنگ کو روکتا ہے، ایک خطرناک مذاق کے سوا کچھ نہیں ہے۔
	ہندوستان اور پاکستان دونوں کے پاس اب ایٹم بم موجود ہیں، اور دونوں کے پاس انھیں رکھنے کا جواز بھی موجود ہے۔ بہت جلد اسرائیل، ایران، عراق، سعودی عرب، ناروے، نیپال، (میں ہر طرف سے مثالیں جمع کر رہی ہوں) ڈنمارک، جرمنی، بھوٹان، میکسیکو، لبنان، سری لنکا، برما، بوسنیا، سنگاپور، شمالی کوریا، سویڈن، جنوبی کوریا، ویت نام، کیوبا، افغانستان، ازبکستان... سب کے پاس یہ دونوں چیزیں موجود ہوں گی۔ اور کیوں نہ ہوں؟ دنیا کا ہر ملک اپنا منفرد مقدمہ تیار کر سکتا ہے۔ ہر ملک سرحدیں اور اعتقادات رکھتا ہے۔ اور جس وقت ہم سب ملکوں کے توشہ خانے چمکتے ہوے بموں سے بھرے ہوں گے اور ہمارے پیٹ خالی ہوں گے، ہم ان بموں کا سودا کر کے ان کے بدلے میں خوراک حاصل کر سکیں گے۔ اور جب ایٹمی ٹیکنولوجی بازار میں بکنے والی شے بن جائے گی، جب کاروباری مسابقت کے زیرِ اثر اس کی قیمتیں گر جائیں گی، تب یہ محض حکومتوں کی ملکیت نہیں رہے گی بلکہ کوئی بھی شخص یا گروہ جو قیمت ادا کرنے کی استطاعت رکھتا ہو __ تاجر، دہشت گرد، شاید کبھی کبھی مال دار ہو جانے والا کوئی ادیب بھی (جیسے مَیں) __ اپنا ذاتی اسلحہ خانہ تیار کر سکے گا۔ ہماری پوری زمین خوب صورت میزائلوں سے جگمگانے لگے گی۔ یہ ایک نیا عالمی نظام ہو گا __ نیوک (nuke) نواز طبقے کی آمریت۔ ہم ایک دوسرے کو دھمکا کر خود کو تسکین دے سکیں گے۔ یہ بالکل بَنگی جمپنگ کی طرح ہو گا، جبکہ آپ کو رسّی کی مضبوطی کا اطمینان بھی نہ ہو، یا دن بھر رَشین رُولیٹ کھیلنے کی طرح۔ ایک اضافی فائدہ یہ ہو گا کہ ہمیں کچھ نہیں معلوم ہو گا کہ کس بات پر یقین کیا جائے۔ ہم گرین کارڈ حاصل کرنے کے متمنی کسی بھی نوسر باز کے وحشیانہ تخیل کا شکار ہو سکیں گے جو مغرب میں پہنچ کر اعلان کر دے کہ میزائلوں کا حملہ ہونے ہی کو ہے۔ ہم اس امکان پر بھی مسرور ہو سکتے ہیں کہ ہم ہر حقیر ہنگامہ باز یا افواہ طراز کے ہاتھوں میں یرغمال رہیں گے، بلکہ سچ تو یہ ہے کہ ایسے لوگ جتنے زیادہ ہوں اتنا ہی بہتر ہو گا کیوں کہ اس سے ہمیں اَور زیادہ تعداد میں بم تیار کرنے کا بہانہ مل سکے گا۔ تو آپ نے دیکھا، کہ اگر جنگ نہ بھی ہو تو ہماری تواضع کے لیے کیسے کیسے امکانات موجود ہیں۔
	لیکن یہاں ہمیں ایک لمحہ رک کر سوچنا چاہیے کہ اس صورتِ حال کا سہرا کس کے سر باندھا جائے۔ ان امکانات کے لیے ہمیں کس کا شکرگزار ہونا چاہیے؟
	اُن افراد کا جنھوں نے اس واقعے کو ممکن بنایا۔ جو کائنات کے حکمراں بن بیٹھے ہیں۔ خواتین و حضرات، ریاست ہائے متحدہ امریکا! اِدھر اوپر اسٹیج پر چلے آؤ اور جھک کر حاضرین کو آداب کرو۔ دنیا کے ساتھ یہ سلوک کرنے کا شکریہ۔ اپنی اہمیت منوانے کا شکریہ۔ ہمیں یہ راستا دکھانے کا شکریہ۔ زندگی کے معنی تک بدل ڈالنے کا شکریہ۔
	آئندہ سے ہمیں موت سے نہیں زندگی سے خوف زدہ رہنا ہو گا۔
	یہ سوچنا نہایت فاترالعقل لوگوں کا کام ہے کہ ایٹمی اسلحہ صرف اُس وقت ملک ثابت ہوتا ہے جب اس کا استعمال کیا جائے۔ صرف اس کے ہونے کی حقیقت، ہماری زندگی میں اس کی موجودگی ایسی قیامتیں برپا کرنے والی ہے جن کا ہمیں ابھی گمان تک نہیں ہوا۔ ایٹمی اسلحہ ہمارے سوچنے کے انداز میں داخل ہو جاتا ہے، ہمارے طرزِ عمل کو کنٹرول کرنے لگتا ہے، ہمارے معاشروں کے خدوخال متعین کرنے لگتا ہے، ہمارے خوابوں میں شامل ہو جاتا ہے۔ ایٹمی ہتھیار گوشت لٹکانے والے آنکڑوں کی طرح ہمارے دماغوں میں گہرے اُتر جاتے ہیں۔ ایٹمی ہتھیار پاگل پن کے پیغامبر ہیں۔ دنیا کے کامیاب ترین نوآبادیات قائم کرنے والے ہیں۔ کسی بھی سفید فام شخص سے کہیں زیادہ۔ سفید پن کا قلبِ ظلمات۔
	یہاں ہندوستان میں __ اور یہاں سے تھوڑی سی دور پاکستان میں __ ہر مرد، عورت اور سائنس داں بچے سے میں صرف اتنا کہہ سکتی ہوں: اسے اپنا ذاتی مسئلہ سمجھیے۔ آپ جو کوئی بھی ہوں __ ہندو، مسلمان، شہری، دیہاتی __ اس سے کچھ فرق نہیں پڑتا۔ ایٹمی اسلحے کے بارے میں جو واحد اچھی بات کہی جا سکتی ہے وہ یہی ہے کہ یہ انسان کے ذہن میں آنے والا ایسا خیال ہے جو اس قسم کے ہر فرق کو مسمار کر دیتا ہے۔ جب وہ دن آئے گا تو آپ سے آپ کے ذاتی کوائف نہیں پوچھے جائیں گے۔ تباہی ہر ایک کے لیے یکساں ہو گی۔ اور ایٹم بم آپ کے گھر کے پچھواڑے رکھا ہوا نہیں ہے __ وہ آپ کے جسم کے اندر موجود ہے۔ اور میرے۔ کسی کو، کسی قوم، کسی حکومت، کسی انسان، کسی خدا کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ ہمارے جسموں کے اندر بم رکھ دے۔ ہم اس بم کے اثر سے ریڈیو ایکٹو ہو چکے ہیں، اور جنگ ابھی شروع بھی نہیں ہوئی ہے۔ اس لیے آپ کو کھڑے ہو کر کچھ نہ کچھ کہنا ہو گا۔ اگر یہ بات پہلے کہی جا چکی ہے تب بھی کوئی حرج نہیں۔ آپ کو اپنی جانب سے یہ بات کہنی ہے۔ یہ آپ کا ذاتی مسئلہ ہے۔
***


بم اور مَیں

مئی کے شروع میں (بم سے پہلے) میں تین ہفتے کے لیے باہر گئی۔ میں نے سوچا تھا واپس آؤں گی۔ میرا واپس آنے کا پورا ارادہ تھا۔ ظاہر ہے، واقعات میرے بنائے ہوے منصوبے کے مطابق پیش نہیں آئے۔
	جب میں باہر تھی، میری ملاقات اپنی ایک دوست سے ہوئی جسے میں نے، دوسری وجہوں کے علاوہ، اس بنا پر ہمیشہ عزیز رکھا ہے کہ اس کی ذات میں میرے لیے بے پناہ محبت کے ساتھ ساتھ ایسی صاف گوئی بھی ہے جس کی حدیں سفاکی سے جا ملتی ہیں۔
	"میں تمھارے بارے میں سوچتی رہی ہوں،" اس نے کہا۔ "تمھارے ناول کے بارے میں۔ اور جو کچھ اس کے اندر باہر، آگے پیچھے، اوپر نیچے ہے اُس کے بارے میں۔"
	پھر وہ کچھ دیر خاموش رہی۔ میں بہت بےچین تھی اور یقین سے نہیں کہہ سکتی تھی کہ میں اس کی بات آخر تک سننے کی خواہش مند ہوں۔ لیکن اُسے بہرحال یقین تھا کہ وہ اپنی بات آخر تک کہنا چاہتی ہے۔ "پچھلے ایک برس میں، دراصل ایک برس سے بھی کم عرصے میں، تمھیں ہر چیز بہت بڑی مقدار میں ملی ہے: شہرت، دولت، انعامات، ستائش، تنقید، مذمّت، استہزا، محبت، نفرت، غصّہ، حسد، فیاضی۔ ایک طرح سے یہ ایک مثالی کہانی ہے۔ اور اپنے مبالغے کے اعتبار سے بیروک آرٹ کا مثالی نمونہ۔ مشکل یہ ہے کہ اس کا مثالی انجام، یا ممکنہ مثالی انجام، صرف ایک ہو سکتا ہے۔" اُس کی آنکھیں مجھ پر جمی ہوئی تھیں اور ایک خم دار، پُر تجسس چمک سے جھلملا رہی تھیں۔ وہ جانتی تھی کہ میں جانتی ہوں وہ کیا کہنے والی ہے۔ وہ پاگل تھی۔
	وہ یہ کہنے والی تھی کہ آئندہ میری زندگی میں جو بھی کچھ ہو گا وہ اس پچھلے ایک برس کی چمک دمک کے جوڑ کا نہیں ہو گا۔ کہ میری پوری بقیہ زندگی مبہم طور پر غیر اطمینان بخش گزرے گی۔ چناں چہ اس کہانی کا واحد مثالی انجام موت ہے۔ میری موت۔
	یہ خیال میرے ذہن میں بھی آ چکا تھا۔ سچ مچ آ چکا تھا۔ یہ حقیقت کہ یہ سب کچھ، یہ تمام بین الاقوامی چہل پہل __ میری آنکھوں میں چمکتی روشنیاں، حاضرین کی داد، پھول، فوٹوگرافر، اخبارنویس (یہ ظاہر کرتے ہوے کہ انھیں میری زندگی سے گہری دل چسپی ہے، اس کے باوجود کسی ایک بات کو بھی درست بیان کرنے کے سلسلے میں سخت مشکل سے دوچار)، میرے اردگرد منڈلاتے ہوے سُوٹ پہنے مرد، ہوٹلوں کے چمکدار باتھ روموں میں تولیوں کی ختم نہ ہونے والی قطاریں __ یہ سب کچھ دوبارہ ہونے والا نہیں تھا۔ کیا مجھے اس چہل پہل کی کمی محسوس ہو گی؟ کیا میں اس کی عادی ہو چکی ہوں؟ کیا مجھے شہرت کا نشہ چڑھ چکا ہے؟ کیا یہ نشہ ٹوٹنے پر مجھے تکلیف ہو گی؟
	جتنا زیادہ میں اس بارے میں سوچتی رہی، اُتنا ہی مجھ پر واضح ہوتا گیا کہ اگر شہرت میری مستقل صورتِ حال بن گئی تو یہ مجھ کو مار ڈالے گی۔ اپنی شائستگی اور صاف ستھرے پن سے مجھے ہلاک کر دے گی۔ مجھے اعتراف ہے کہ میں نے پانچ منٹ کے لیے اپنی اس شہرت کا بہت لطف اٹھایا، لیکن اس کی بنیادی وجہ یہی تھی کہ اس کا دورانیہ محض پانچ منٹ کا تھا۔ کیوں کہ میں جانتی تھی (یا میرا خیال تھا کہ میں جانتی ہوں) کہ جب میں اس سے اُکتا جاؤں گی تو اٹھ کر گھر چلی جاؤں گی اور اس کے بارے میں سوچ کر شرارت سے ہنسوں گی۔ بوڑھی اور غیر ذمے دار ہو جاؤں گی۔ چاندنی رات میں بیٹھ کر آم کھاؤں گی۔ چند ایک نہایت ناکام کتابیں لکھوں گی __ وَرسٹ سیلرز __ اور دیکھوں گی کہ یہ کیسا لگتا ہے۔ پورے ایک برس مَیں دنیا بھر میں پھرتی رہی ہوں لیکن میرے ذہن کا لنگر اپنے گھر کے خیال سے بندھا رہا ہے، اُسی زندگی میں واپس آنے کے خیال سے۔ بیرون ملک جا بسنے کے بارے میں تمام استفسارات اور پیش گوئیوں کے برعکس، یہی میرا کنواں ہے جس کے پانی پر میں جیتی ہوں، جو میری طاقت ہے۔
	میں نے اپنی دوست کو بتایا کہ مثالی کہانی نام کی کوئی شے نہیں ہوتی۔ میں نے کہا کہ وہ چیزوں کو باہر سے دیکھ رہی ہے، اور یہ اس کا مفروضہ ہے کہ میری مسرّت، یا تسکین کا گراف صرف اس بنا پر اچانک بلند ہو گیا ہے (اور اب اسے لازماً نیچے آنا ہو گا) کہ مجھے اچانک "کامیابی" حاصل ہو گئی ہے۔ اس مفروضے کی بنیاد اس غیرتخیلی اعتقاد پر ہے کہ دولت اور شہرت ہر شخص کے خوابوں کا لازمی جز ہوتے ہیں۔
	تم ضرورت سے زیادہ طویل عرصے سے نیویارک میں رہ رہی ہو، میں نے اس سے کہا۔ اس کے علاوہ دوسری دنیائیں بھی موجود ہیں۔ دوسری قسم کے خواب بھی ہوتے ہیں۔ ایسے خواب جن میں میں ناکامی بھی قابلِ قبول اور با عزت شے ہے __ کبھی کبھی تو ایسی شے جس کے لیے جدوجہد کی جا سکتی ہے۔ ایسی دنیائیں جن میں تسلیم کر لیا جانا ذہانت یا انسانی قدر و قیمت کا واحد پیمانہ نہیں ہوتا۔ بہت سے سورما ہیں جن سے میں واقف ہوں اور محبت کرتی ہوں، ایسے لوگ ہیں جو مجھ سے کہیں زیادہ قابلِ قدر ہیں، جو ہر صبح اپنی جنگ پر نکلتے ہیں، یہ جانتے ہوے کہ اس جنگ میں انھیں شکست ہو گی۔ درست، کہ "کامیابی" کے فحش ترین مفہوم کے اعتبار سے وہ کم کامیاب ہیں، لیکن ذاتی طور پر کسی بھی طرح کم مطمئن نہیں۔
	میں نے اسے بتایا کہ وہ واحد خواب جس کے لیے زندگی گزاری جا سکتی ہے یہ ہے کہ جب آپ زندہ ہوں تو پوری طرح زندہ ہوں اور جب مریں تو صرف اُس وقت جب موت آ جائے۔ (یہ شاید ایک طرح کی پیش آگہی تھی۔)
	"اس بات کا کیا مطلب ہوا؟" (بھنویں چڑھی ہوئی، انداز میں ایک طرح کی جھنجھلاہٹ۔)
	میں نے وضاحت کرنے کی کوشش کی لیکن ٹھیک طرح نہ کر سکی۔ کبھی کبھی مجھے سوچنے کے لیے لکھنے کی ضرورت پڑتی ہے۔ چناں چہ میں نے اپنی بات پیپر نیپکن پر لکھ کر اسے سمجھائی۔ میں نے لکھا: "محبت کرنا۔ محبت پانا۔ اپنے غیر اہم ہونے کو کبھی نہ بھلانا۔ اپنے اردگرد کی زندگی کی ناقابلِ بیان بربریت اور فحش نا برابری سے کبھی سمجھوتا نہ کرنا۔ غمناک ترین جگہوں میں خوشی کو تلاش کرنا۔ حسن کا اُس کی کھوہ تک پیچھا کرنا۔ سادہ شے کو پیچیدہ بنانے اور پیچیدہ شے کو سادہ بنانے سے ہمیشہ پرہیز کرنا۔ قوّت کا احترام کرنا اور طاقت کا احترام نہ کرنا۔ سب سے بڑھ کر، اپنی آنکھیں کھلی رکھنا۔ سمجھنے کی کوشش کرنا۔ حقیقت سے نظریں نہ پھیرنا۔ اور ہرگز، ہرگز کبھی نہ بھولنا۔"
	میں اپنی اس دوست سے برسوں سے واقف ہوں۔ وہ بھی میری طرح آرکیٹیکٹ ہے۔
	وہ شک میں لگتی تھی، اسے میری اس پیپر نیپکن کی تقریر سے اطمینان نہیں ہوا تھا۔ میں اُس کی کہی ہوئی بات کو اس کی ساخت سے، چیزوں کے نفیس، بیانیہ تناسب کے ذریعے پہچان سکتی تھی۔ چوں کہ اسے مجھ سے محبت تھی، میری "کامیابی" پر اس کا جوش و خروش اس قدر سچا، اتنا پیار بھرا تھا کہ اس کا مخالف نقطہ صرف میری (متوقع) موت کے خیال سے پیدا ہونے والی دہشت ہی ہو سکتا تھا۔ میں نے سمجھ لیا کہ اس میں اس کا کوئی قصور نہیں۔ یہ صرف ڈزائن کے تناسب کی بات ہے۔
	خیر، اس گفتگو کے دو ہفتے بعد میں ہندوستان لوٹ آئی۔ یعنی اُس جگہ جسے میں گھر سمجھتی ہوں/ سمجھتی تھی۔ موت ضرور واقع ہوئی مگر میری نہیں؛ مجھ سے کہیں زیادہ قیمتی شے کی۔ ایک ایسی دنیا کی جو کچھ عرصے سے بیمار چلی آ رہی تھی اور جس نے آخرکار دم توڑ دیا۔ اب اسے نذرِ آتش کیا جا چکا ہے۔ فضا بدصورتی سے بوجھل ہو رہی ہے اور ہوا سے فاشزم کی یقینی بُو آ رہی ہے۔
	ہر روز اخباروں کے اداریوں میں، ریڈیو کے پروگراموں میں، ٹی وی کے ٹاک شوز میں، یہاں تک کہ ایم ٹی وی پر بھی، وہ لوگ جن کی جبلّت پر کوئی شخص کبھی بھروسا کر سکتا تھا __ ادیب، مصوّر، صحافی __ سڑک پار کر کر کے دوسری طرف جاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ٹھنڈ میری ہڈیوں تک اترتی جاتی ہے جوں جوں روزمرہ کی زندگی سے حاصل ہونے والے سبق اس دردناک حقیقت کو واضح کرتے جاتے ہیں کہ تاریخ کی کتابوں میں جو کچھ پڑھا تھا وہ سچ نکلا۔ کہ فاشزم کا تعلق جتنا حکومتوں سے ہے اتنا ہی عام لوگوں سے بھی ہے۔ کہ فاشزم کا آغاز اپنی ذات سے، اپنے گھر سے ہوتا ہے۔ گھر کے ڈرائنگ روم سے، بیڈروم سے، بستر سے۔ "خود شناسی کا دھماکا"، "قومی احیا کا راستا"، "فخر کا لمحہ" __ یہ وہ سرخیاں تھیں جو ایٹمی آزمائشوں کے بعد کے دنوں میں اخباروں کی پیشانیوں پر نمودار ہوئیں۔ "ہم نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم اب ہیجڑے نہیں ہیں،" شِوس ینا کے شری بال ٹھاکرے نے کہا۔ (مگر یہ کس نے کہا تھا کہ ہم ہیجڑے ہیں؟ یہ درست ہے کہ ہم میں ایک بہت بڑی تعداد عورتوں کی ہے مگر، جہاں تک مجھے علم ہے، یہ بالکل دوسری بات ہے۔) اخبار پڑھتے ہوے کبھی کبھی تو یہ تمیز کرنا مشکل ہو جاتا کہ کب کوئی شخص مردانگی کی دوا وِیاگرہ کی بات کر رہا ہے (جو اخبار کے پہلے صفحوں پر دوسرا ممتاز ترین مقام پانے کی کوشش کر رہی تھی) اور کب بم کے بارے میں۔ "ہمارے پاس زیادہ طاقت ہے۔" (یہ ہمارے وزیرِ دفاع کا بیان تھا جو پاکستانی ایٹمی آزمائشوں کے بعد دیا گیا۔)
	"یہ ایٹمی آزمائشیں نہیں ہیں، یہ قومی آزمائشیں ہیں،" ہمیں بار بار بتایا گیا۔
	یہ بات متواتر دہرائی جاتی رہی ہے: بم ہندوستان ہے، ہندوستان بم ہے۔ اور محض ہندوستان نہیں، ہندو ہندوستان۔ اس لیے خبردار! بم پر تنقید نہ صرف قوم مخالف بلکہ ہندو مخالف بھی ہو گی۔ (پاکستان میں، بلاشبہ، بم اسلامی بم ہے۔ اس ایک فرق کے سوا، سب کچھ، طبیعیات کے اصولوں کے مطابق، وہی ہے۔) یہ ایٹم بم کا مالک ہونے کا ایک اضافی، غیر متوقع فائدہ ہے۔ اس سے حکومت نہ صرف "دشمن" کو دھمکا سکے گی بلکہ خود اپنے عوام کے خلاف بھی اعلانِ جنگ کر سکے گی۔ یعنی ہمارے خلاف۔
	۱۹۷۵ میں، جب ہندوستان کو ایٹمی سمندر کے پانی میں اپنے پیر کا انگوٹھا پہلی بار ڈبوئے صرف ایک برس گزرا تھا، مسز گاندھی نے ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔ ۱۹۹۹ میں کیا ہونے والا ہے؟ ایسے سیل قائم کرنے کی بات تو ابھی سے ہونے لگی ہے جو قوم دشمن سرگرمیوں پر نگاہ رکھیں گے۔ کیبل ٹی وی سے متعلق قوانین میں ترمیم کی بات ہو رہی ہے تاکہ ان نیٹ ورکس پر پابندی لگائی جا سکے جو "قومی مفاد کو نقصان پہنچا رہے ہیں"، ("انڈین ایکسپریس"، ۳ جولائی۔) گرجا گھروں کو عبادت گاہوں کی فہرست سے خارج کیے جانے کی باتیں ہو رہی ہیں کیوں کہ وہاں "شراب پیش کی جاتی ہے"، (اعلان اور تردید، "انڈین ایکسپریس"، ۳ جولائی، اور "ٹائمز آف انڈیا"، ۴ جولائی۔) مصوروں، ادیبوں، اداکاروں اور گلوکاروں کو پریشان کیا جا رہا ہے، دھمکیاں دی جا رہی ہیں (اور وہ دھمکیاں قبول کر رہے ہیں۔) اور یہ سب کرنے والے صرف غنڈوں کے گروہ نہیں بلکہ حکومت کے ادارے بھی ہیں۔ یہ باتیں قانون کی عدالتوں میں پیش آ رہی ہیں۔ انٹرنیٹ پر خطوط اور مضامین منتشر کیے جا رہے ہیں جن میں نوسٹرا ڈیمس کی پیش گوئیوں کی تخلیقی تعبیر کرتے ہوے یہ بتایا جا رہا ہے کہ ایک طاقتور اور فاتح ہندو قوم اُبھرنے کو ہے۔ ایک نیا ہندوستان وجود میں آ رہا ہے جو "اپنے سابق حکمرانوں پر پھٹ پڑے گا اور انھیں مکمل طور پر نیست و نابود کر دے گا۔" کہ "اس ہولناک انتقام کا آغاز (جو تمام مسلمانوں کا انجام ثابت ہو گا) ۱۹۹۹ کے ساتویں مہینے میں ہو گا۔" ممکن ہے کہ یہ باتیں محض کسی اکیلے بیمار شخص کے ذہن کی پیداوار ہوں، اور یہ بھی ممکن ہے کہ ان کے پیچھے دھرم کے لیے لڑنے والوں کا کوئی اسکواڈ ہو۔ لیکن اصل مسئلہ یہ ہے کہ ایٹمی اسلحے کی موجودگی ان خیالات کو بظاہر امکانات کا درجہ دے دیتی ہے۔ ایٹمی اسلحے کی موجودگی ایسے خیالات کو جنم دے سکتی ہے۔ یہ لوگوں کے دماغوں میں اپنی طاقت کے یہ انتہائی غلط، انتہائی مہلک خیالات پیدا کرتی ہے۔ یہ سب کچھ ہو رہا ہے۔ کاش میں کہہ سکتی کہ یہ سب "سست رفتاری سے لیکن یقینی طور پر" ہو رہا ہے، مگر میں یہ الفاظ استعمال نہیں کر سکتی۔ اس کی رفتار تو بہت تیز ہے۔
	یہ سب کچھ اتنا مانوس کیوں لگ رہا ہے؟ اس لیے کہ آپ کے دیکھتے ہی دیکھتے سامنے کی حقیقت گھُل کر نہایت روانی سے پرانی فلموں کے خاموش، بلیک اینڈ وائٹ مناظر میں ڈھل جاتی ہے جن میں لوگوں کو جمع کر کے انبوہ کی شکل میں ہانک کر کیمپوں کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔ ہلاکتوں کے مناظر۔ غارت گری کے مناظر۔ ٹوٹے ہوے لوگ طویل، ختم نہ ہونے والی قطاروں میں اپنی موت کی طرف بڑھتے ہوے۔ ان فلموں میں کوئی ساؤنڈ ٹریک کیوں نہیں ہے؟ ہال میں اس قدر خاموشی کیوں ہے؟ کیا ہم پچھلے دنوں بہت فلمیں دیکھتے رہے ہیں؟ کیا میں پاگل ہو چکی ہوں؟ یا میری بات درست ہے؟ کیا جس چیز کو ہم نے حرکت دی ہے اس کا ناگزیر انجام ایسے ہی مناظر پر ہو گا؟ کیا ہمارا مستقبل پھیل کر تیزی سے ہمارے ماضی کی جانب بڑھ رہا ہے؟ میرا خیال ہے، ہاں۔ سوائے اس کے کہ ایٹمی جنگ ایک ہی آن میں سب کچھ فنا کر دے۔
	جب میں نے اپنے دوستوں سے ذکر کیا کہ میں یہ مضمون لکھ رہی ہوں تو انھوں نے مجھے خبردار کیا۔ "ٹھیک ہے، لکھو،" انھوں نے کہا۔ "مگر پہلے دیکھ لو کہ تمھیں کوئی خطرہ نہ ہو۔ دیکھ لو کہ تمھارے سب کاغذات درست ہیں۔ کہ تم نے ٹیکس پورا ادا کر رکھا ہے۔"
	میرے سب کاغذات درست ہیں۔ میں نے ٹیکس بھی پورا ادا کر رکھا ہے۔ لیکن جیسا ماحول ہے اس میں کوئی شخص خطرے میں نہ ہونے کا یقین کیوں کر کر سکتا ہے؟ ہر شخص خطرے میں ہے۔ کبھی بھی کوئی حادثہ ہو سکتا ہے۔ تحفظ صرف سر جھکا دینے میں ہے۔ یہ سطریں لکھتے ہوے بھی مجھے خطرے کا احساس ہو رہا ہے۔ اس ملک میں مَیں نے پوری طرح جان لیا ہے کہ کسی ادیب کے لیے شدید محبت (اور کسی حد تک نفرت) کا مرکز بننا کیا معنی رکھتا ہے۔ پچھلے سال میں اُن چیزوں میں شامل تھی جنھیں سال کے آخر میں قومی افتخار کی پریڈ میں میڈیا نے سب کے سامنے پیش کیا تھا۔ میرے علاوہ، مجھے فنا کرنے کے لیے، اس پریڈ میں ایک بم بنانے والا تھا اور ایک بین الاقوامی ملکۂ حسن تھی۔ ہر بار جب کوئی خوشی سے دمکتا ہوا شخص مجھے راستے میں روک کر کہتا کہ "آپ نے ہندوستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے" (اس کا اشارہ اس کتاب کی طرف نہیں ہوتا تھا جو میں نے لکھی بلکہ اُس انعام کی طرف جو مجھے حاصل ہوا)، تو مجھے کچھ بےچینی سی محسوس ہوتی تھی۔ اُس وقت مجھے اس بات سے تھوڑا سا ڈر لگتا تھا اور اب میں پوری طرح دہشت زدہ ہوں، کیوں کہ میں جانتی ہوں کہ اس فخر، جذبے کے اس اُبھار کا رخ کتنی آسانی سے میرے خلاف ہو سکتا ہے۔ شاید اس کا وقت بھی آ گیا ہے۔ اب مجھے خواب ناک روشنیوں سے باہر آنا ہے اور صاف صاف وہ بات کہنی ہے جو میرے ذہن میں ہے۔
جو یہ ہے:
اگر اس بم کے خلاف احتجاج کرنا جسے میرے دماغ کے اندر رکھ دیا گیا ہے، ہندو مخالف اور قوم دشمن بات ہے تو میں اپنے جرم کا اقبال کرتی ہوں۔ میں اپنی ذات کو ایک آزاد اور چلتی پھرتی جمہوریہ قرار دیتی ہوں۔ میں اس کرۂ ارض کی شہری ہوں۔ میں کسی خطۂ ارض کی مالک نہیں ہوں۔ میرا کوئی پرچم نہیں ہے۔ میں عورت ہوں، لیکن مجھے ہیجڑوں سے بھی کوئی کد نہیں ہے۔ میری پالیسیاں بالکل سادہ ہیں۔ میں ایٹمی اسلحے کے عدم پھیلاؤ اور ایٹمی آزمائشوں پر پابندی لگانے کے ہر اس معاہدے پر دستخط کرنے کو تیار ہوں جو دستخط کے لیے موجود ہو۔ میں نقل مکانی کر کے آنے والوں کو خوش آمدید کہتی ہوں۔ آپ لوگ میرے پرچم کا ڈزائن تیار کرنے میں میری مدد کر سکتے ہیں۔
	میری دنیا ختم ہو چکی ہے۔ اور میں اس کی موت کا نوحہ لکھ رہی ہوں۔
	مجھے اعتراف ہے کہ یہ ایک ناقص دنیا تھی۔ اس میں باقی رہنے کی صلاحیت نہ تھی۔ اس کے بدن پر پرانے اور تازہ زخم تھے۔ یہ ایک ایسی دنیا تھی جس پر میں نے بھی سفاکی سے تنقید کی تھی، لیکن صرف اس لیے کہ مجھے اس سے محبت تھی۔ یہ موت کی حقدار نہیں تھی۔ ٹکڑے ٹکڑے کیے جانے کی مستحق نہیں تھی۔ مجھے معاف کر دیجیے، مجھے احساس ہے کہ جذباتیت فیشن کے خلاف ہے __ مگر میں اپنے اندوہ کا کیا کروں؟
	مجھے اس دنیا سے محبت تھی، صرف اس لیے کہ وہ انسانیت کو انتخاب کا موقع دیتی تھی۔ وہ ساحل سمندر پر ایک چٹان کی طرح تھی۔ وہ روشنی کی ایک ضدّی شعاع تھی جو بار بار جتاتی تھی کہ زندہ رہنے کا ایک اَور، مختلف طریقہ بھی موجود ہے۔ وہ جوں توں چلتے ہوے امکانات کی دنیا تھی۔ وہ انتخاب کا سچ مچ کا امکان تھی۔ اب یہ سب کچھ ختم ہو چکا ہے۔ ہندوستان کی ایٹمی آزمائشیں، اور جس انداز میں یہ آزمائشیں کی گئیں، اور جس طرح (ہم نے) خوشیاں منا کر ان کا خیرمقدم کیا __ یہ سب ناقابلِ دفاع ہے۔ میرے نزدیک یہ سب دہشت کی نشانیاں ہیں۔ یہ تخیل کی موت کا اشارہ ہے۔ جو درحقیقت آزادی کی موت ہے، کیوں کہ آزادی کا یہی تو مفہوم ہے: انتخاب کی آزادی۔
	پچھلے سال ۱۵ اگست کو ہم نے ہندوستان کی آزادی کی پچاسیوں سالگرہ منائی تھی۔ اگلے سال مئی میں ہم خود کو ایٹمی غلامی میں دے دینے کی سالگرہ منا سکیں گے۔
***



ایسا کیوں کیا گیا؟

سیاسی موقع پرستی اس کا ایک سامنے کا اور کلبیت زدہ جواب ہے۔ مگر اس سے ایک اور، زیادہ بنیادی، سوال پیدا ہوتا ہے۔ سیاسی موقع پرستی نے اسے اپنے لیے کارآمد کیوں سمجھا؟
	سرکاری طور پر پیش کی گئی تین وجوہات یہ ہیں: (۱)چین، (۲)پاکستان، اور (۳)مغرب کی منافقت کی پردہ دری۔
	اگر انھیں جوں کا توں مان کر ایک ایک کر کے پرکھا جائے تو یہ تینوں وجوہات کسی حد تک چکرا دینے والی ہیں۔ میں ایک لمحے کے لیے بھی یہ نہیں کہہ رہی ہوں کہ یہ تینوں حقیقی اِشوز نہیں ہیں۔ میں صرف یہ کہہ رہی ہوں کہ ان میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ہمارے پرانے افق پر نئی بات صرف ایک ہے، اور وہ ہے ہندوستان کی موجودہ حکومت۔ ہمارے وزیرِ اعظم نے بیزار کن حد تک بناوٹی انداز میں امریکی صدر کے نام اپنے خط میں لکھا (اگر یہی کچھ لکھنا تھا تو خط لکھنے کی ضرورت ہی کیا تھی؟) کہ ایٹمی آزمائشیں کرنے کے ہندوستان کے فیصلے کی وجہ "سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال" تھی۔ آگے چل کر اس خط میں چین کے ساتھ ۱۹۶۲ کی جنگ کا ذکر کیا گیا اور کہا گیا کہ "پچھلے پچاس سال میں ہمیں تین بار (پاکستان کی طرف سے) جارحیت کا سامنا کرنا پڑا۔ اور پچھلے دس سال سے ہم... خاص طور پر جموں اور کشمیر میں... دہشت گردی اور مسلح بغاوت کا سامنا کر رہے ہیں جسے اُس کی پشت پناہی حاصل ہے۔"
	چین کے ساتھ جنگ پینتیس برس پرانی بات ہو چکی۔ سوائے اس کے کہ اس کے برعکس کسی بات کو ریاستی راز کی طرح ہم سے چھپایا جاتا رہا ہو، ہمارا تو یہی اندازہ ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کسی قدر بہتر ہوے ہیں۔ ایٹمی آزمائشوں سے چند روز پہلے چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے چیف آف اسٹاف جنرل فُو کوان یو ہندوستانی چیف آف آرمی اسٹاف کے مہمان تھے۔ ہم نے جنگ کا پتا دینے والی کوئی آوازیں نہیں سنیں۔
	پاکستان کے ساتھ تازہ ترین جنگ ستائیس برس پہلے لڑی گئی تھی۔ ہاں، کشمیر میں یقیناً سخت اضطراب کا ماحول ہے اور بلاشبہ پاکستان شعلوں کو خوش ہو ہو کر ہوا دے رہا ہے۔ لیکن شعلوں کو ہوا دینے کے لیے یہ بھی تو ضروری ہے کہ شعلوں کا وجود ہو۔ لکڑیاں چٹخ رہی ہیں اور جلنے کو تیار ہیں۔ کیا ہندوستانی ریاست ذرا بھی ایمان داری کے ساتھ خود کو کشمیر کی صورتِ حال سے بری الذمہ قرار دے سکتی ہے؟ کشمیر ہی نہیں، آسام، تری پورہ، ناگالینڈ __ پورا شمال مشرقی خطہ __ جھاڑکھنڈ، اُتراکھنڈ، اور آگے چل کر پیش آنے والے دوسرے مسائل، یہ سب کسی گہرے مرض کی علامات ہیں۔ اور اس مرض کو ایٹمی میزائلوں کا رخ پاکستان کی طرف کر کے حل نہیں کیا جا سکتا۔
	پاکستان کے مسئلے کو بھی ایٹمی میزائلوں کا رخ پاکستان کی طرف کر کے حل نہیں کیا جا سکتا۔ بےشک ہم الگ الگ ملک ہیں، لیکن ہمارے آسمان، ہماری ہوائیں، ہمارے دریا مشترک ہیں۔ کسی خاص دن ایٹمی دھماکے سے ہونے والے اثرات کہاں تک پہنچیں گے، اس کا انحصار اُس دن چلنے والی ہوا کے رخ اور بارش پر ہو گا۔ لاہور اور امرتسر میں محض تیس میل کا فاصلہ ہے۔ اگر ہم نے لاہور پر بم گرایا تو پورا پنجاب آگ کی لپیٹ میں آ جائے گا۔ اگر کراچی پر بم گرایا تو گجرات اور راجستھان __ بلکہ بمبئی بھی __ جل اٹھے گا۔ پاکستان کے خلاف کسی ایٹمی جنگ کا مطلب خود اپنے خلاف جنگ ہو گا۔
	جہاں تک سرکاری طور پر بیان کیے جانے والے تیسرے سبب __ مغربی منافقت کی پردہ دَری __ کا تعلق ہے، اس کی مزید پردہ دری کیسے ممکن ہے؟ دنیا کے کس معقول آدمی کو اس باب میں کسی قسم کا شک ہے؟ مغرب کی قوموں کی تاریخ دوسروں کے خون سے اسفنج کی طرح بھری ہوئی ہے۔ نوآبادیت، نسلی تفریق، غلامی، نسلی تطہیر، جراثیم کی جنگ، کیمیائی اسلحہ __ یہ سب اُنھیں کی ایجاد ہیں۔ اُنھوں نے قوموں کو تاخت و تاراج کیا، تہذیبوں کو تباہ کیا، پوری پوری انسانی آبادیوں کو ہلاک کیا۔ وہ لوگ دنیا کے اسٹیج پر بالکل ننگے، لیکن ہر قسم کی شرم سے عاری، کھڑے ہیں، کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ ان کے پاس دنیا میں سب سے زیادہ دولت، سب سے زیادہ غذا اور سب سے بڑے بم ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ اگر وہ چاہیں تو ہم سب کو ایک عام دن کے اوقاتِ کار کے اندر اندر مٹا ڈالیں۔ میرا تو خیال ہے مغرب کے طرزِ عمل کو منافقت نہیں بلکہ دیدہ دلیری کہنا چاہیے۔
	ہمارے پاس کم دولت اور کم غذا ہے اور ہمارے بم بھی ان کے مقابلے میں چھوٹے ہیں۔ لیکن ہمارے پاس دوسری ہر طرح کی دولت ہے __ مسرت سے بھرپور، شمار نہ کی جانے والی دولت۔ ہم نے اپنی اس دولت کے ساتھ جو کچھ کیا ہے وہ ہمارے خیال کے  بالکل برعکس ہے۔ ہم نے اس کو گروی رکھ دیا ہے۔ اس کو بیچ ڈالا ہے۔ اور کون سی شے حاصل کرنے کے لیے؟ ٹھیک اُن لوگوں کے ساتھ ایک معاہدے میں شریک ہونے کے لیے جن سے نفرت کا ہم دعویٰ کرتے ہیں۔ وسیع نظر سے دیکھا جائے تو ہم انھیں کا کھیل، انھیں کے بتائے ہوے طریقے سے کھیلنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔ ہم نے ان کی شرائط اور کھیل کے قواعد کسی چوں چرا کے بغیر مان لیے ہیں۔ سی ٹی بی ٹی پر دستخط کرنا تو اس کے مقابلے میں کچھ حیثیت ہی نہیں رکھتا۔
	مجموعی طور پر، میرے خیال سے یہ کہنا درست ہو گا کہ منافق ہم خود ہیں۔ ہم وہ لوگ ہیں جنھوں نے ایک ایسا موقف ترک کر دیا جسے کسی طرح اخلاق پر مبنی کہا جا سکتا تھا: یہ کہ ہمارے پاس ٹیکنولوجی ہے، اگر ہم چاہیں تو بم بنا سکتے ہیں، لیکن ہم بم نہیں بنائیں گے۔ کیوں کہ ہم بموں پر یقین نہیں رکھتے۔
	ہم وہ لوگ ہیں جنھوں نے اب اپنی اس بےتاب تمنا کا اظہار کر دیا ہے کہ ہمیں بھی سپر پاور ملکوں کے کلب میں شامل کیا جانا چاہیے۔ (اور جب ہمیں اس کلب میں شامل کر لیا جائے گا تو ہم بڑی خوشی سے کلب کا دروازہ بند کر لیں گے اور دنیا میں امتیازی سلوک کے خلاف لڑنے کے تمام اصولوں پر لعنت بھیج دیں گے۔) ہندوستان کے لیے سپرپاور کے طور پر تسلیم کیے جانے کا مطالبہ اتنا ہی مضحکہ خیز ہے جتنا فٹ بال کے ورلڈکپ کے فائنل میں کھیلنے کا مطالبہ کرنا، صرف اس بنا پر کہ ہمارے پاس بھی گیند ہے؛ چاہے ہم نے فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کیا ہو، اور ہمارے یہاں فٹ بال زیادہ نہ کھیلی جاتی ہو، اور ہمارے پاس فٹ بال کی ٹیم بھی نہ ہو۔
	جب ہم نے اس میدان میں اترنے کا فیصلہ کر ہی لیا ہے تو بہتر یہ ہو گا کہ اس کھیل کے قواعد سیکھنے سے آغاز کریں۔ اور ان میں پہلا قاعدہ یہ ہے: اپنے سے بڑے کھلاڑیوں کو تسلیم کرو۔ بڑے کھلاڑی کون ہیں؟ وہی جن کے پاس زیادہ دولت ہے، زیادہ غذا ہے، زیادہ بم ہیں۔
	دوسرا قاعدہ یہ ہے: ان کے مقابلے میں اپنی حیثیت کا تعین کرو۔ یعنی اپنی پوزیشن اور صلاحیتوں کا ایمان داری سے جائزہ لو۔ شمار کی جا سکنے والی چیزوں کے اعتبار سے اس جائزے کا نتیجہ یہ نکلتا ہے:
	ہم تقریباً ایک ارب انسانوں پر مشتمل قوم ہیں۔ ترقی کے لحاظ سے یو این ڈی پی کے انسانی ترقی کے انڈیکس میں شمار کیے گئے ۱۷۵ ملکوں میں ہمارا نمبر ۱۳۸واں ہے۔ ہماری آبادی میں ۴۰ کروڑ لوگ ناخواندہ ہیں اور انتہائی مفلسی کے عالم میں زندگی بسر کرتے ہیں۔ ۶۰ کروڑ سے زائد لوگ بنیادی سینی ٹیشن کی سہولتوں سے اور ۲۰ کروڑ سے زیادہ لوگ پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔
	اس طرح سرکاری طور پر بیان کیے گئے تینوں اسباب، ایک ایک کر کے، بالکل بےاصل ٹھہرتے ہیں۔ لیکن اگر ان کو ملا دیا جائے تو ایک مسخ شدہ منطق سامنے آتی ہے۔ اور اس کا تعلق "اُن" سے نہیں، "ہم" سے ہے۔
	ہمارے وزیرِ اعظم نے امریکی صدر کو جو خط لکھا اس کے کلیدی الفاظ "suffered" اور "victim" ہیں۔ یہی اس خط کا لب لباب ہے۔ یہی ہمارا کھانا اور پانی ہے۔ ہم خود کو ستم رسیدہ محسوس کرنا چاہتے ہیں۔ خود کو بے یار و مدد گار محسوس کرنا ہماری ضرورت ہے۔ ہمیں ایک قوم کے طور پر اپنے وجود کا اس قدر خفیف احساس ہے کہ ہمیں مسلسل ایسے دشمنوں کی ضرورت رہتی ہے جن کے مقابلے میں رکھ کر ہم خود کو بیان کر سکیں۔ ہماری مروّجہ سیاسی دانش مندی کا مطالبہ ہے کہ ہماری ریاست کو تباہ ہونے سے بچنے کے لیے ایک قومی مظہر کی ضرورت ہے، اور کرنسی کو چھوڑ کر (اور ہاں، مفلسی، ناخواندگی اور الیکشنوں کو بھی چھوڑ کر) ہمارے پاس کوئی قومی مظہر نہیں ہے۔ یہی اصل قصہ ہے۔ یہی وہ راستا ہے جس پر چل کر ہم بم تک پہنچے ہیں۔ اپنے وجود کی تلاش میں۔ اگر ہمیں یہاں سے واپسی کا راستا چاہیے تو چند تکلیف دہ سوالوں کے ایمان دارانہ جواب تلاش کرنے ہوں گے۔ میں ایک بار پھر کہتی ہوں کہ ایسا نہیں کہ یہ سوال اس سے پہلے کبھی نہیں اٹھائے گئے۔ مگر ان سوالوں کے جواب ہم منھ ہی منھ میں بڑبڑاتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ انھیں کسی نے نہیں سنا ہو گا۔
	کیا ہندوستانی شناخت نام کی کسی چیز کا وجود ہے؟
	کیا ہمیں واقعی اس کی ضرورت ہے؟
	کون مستند ہندوستانی ہے اور کون نہیں ہے؟
	کیا ہندوستان خود ہندوستانی ہے؟
	کیا اس سے کوئی فرق پڑتا ہے؟
	خود کو "ہندوستانی تہذیب" پکارنے والی کسی تہذیب کا وجود کبھی رہا ہے یا نہیں؟ آیا ہندوستان کبھی ایک ہم آہنگ تہذیبی وجود کبھی رہا ہے، ہے یا کبھی بن سکے گا؟ ان سوالوں کے جواب کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ برصغیر میں صدیوں سے آباد لوگوں کے مختلف کلچروں کے مابین پائے جانے والے امتیازات پر زور دیتے ہیں یا مماثلتوں پر۔ ایک جدید قومی ریاست کے طور پر ہندوستان کی جغرافیائی حدبندی پہلی بار ۱۸۹۹ میں برطانوی پارلیمنٹ کے ایک ایکٹ کے ذریعے کی گئی تھی۔ ہمارا ملک، جیسا کہ ہم اسے جانتے ہیں، برطانوی ایمپائر کے اہرن پر، تجارت اور انتظام کے نہایت غیر جذباتی اسباب کے تحت، ڈھالا گیا تھا۔ لیکن پیدا ہوتے ہی اس نے اپنے پیدا کرنے والوں کے خلاف جدوجہد شروع کر دی۔ تو پھر، کیا ہندوستان ہندوستانی ہے؟ یہ ایک دشوار سوال ہے۔ صرف اتنا کہا جا سکتا ہے کہ ہم قدیم لوگ ہیں جو ایک جدید ملک میں رہنا سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
	جو بات ایک حقیقت ہے وہ یہ ہے کہ ہندوستان ایک مصنوعی ریاست ہے __ ایک ایسی ریاست جسے حکومت نے، نہ کہ عوام نے، تخلیق کیا ہے۔ اسے نیچے سے اوپر کی جانب نہیں بلکہ اوپر سے نیچے کی طرف قائم کیا گیا ہے۔ ہندوستان کے باشندوں کی اکثریت (آج بھی) کسی نقشے پر اس ملک کی سرحدیں پہچاننے سے قاصر ہے، اور یہ بتانے سے کہ اس ملک کے کس حصے میں کون سی زبان بولی جاتی ہے یا کون سے دیوی دیوتاؤں کی پوجا کی جاتی ہے۔ اس ملک کی آبادی کے بیشتر لوگ اس قدر غریب اور غیر تعلیم یافتہ ہیں کہ اپنے ملک کی وسعت اور پیچیدگی کا سرسری سا اندازہ بھی نہیں کر سکتے۔ دیہات میں رہنے والی زراعت پیشہ، مفلس اور ناخواندہ آبادی کا ریاست میں قطعی کوئی حصہ نہیں۔ اور کیوں ہو، کیسے ہو، جب کہ انھیں اس بات کا علم ہی نہیں کہ ریاست ہوتی کیا شے ہے؟ ان کے نزدیک ہندوستان محض ایک پُر شور نعرہ ہے جو الیکشن کے دنوں میں سنائی دیتا ہے۔ یا پھر سرکاری ٹی وی پر دکھائے جانے والے لوگوں کی بھیڑ جو رنگ برنگے کپڑے پہنے "میرا بھارت مہان" گایا کرتے ہیں۔
	جن لوگوں کو ہندوستان کے ایک واحد، واضح اور ہم آہنگ شناخت پیدا کرنے سے دل چسپی ہے (بلکہ زیادہ درست یہ کہ جن کا مفاد اس عمل سے وابستہ ہے) وہ سیاست دان ہیں جن پر ہماری قومی سیاسی پارٹیاں مشتمل ہیں۔ اس کی وجہ جاننا نہایت آسان ہے؛ وہ اس شناخت پر خود قابض ہونا چاہتے ہیں۔ اس شناخت سے اپنی شناخت کو وابستہ کرنا چاہتے ہیں۔ اگر کوئی قومی شناخت موجود نہیں ہے تو انھیں اس کو اختراع کر کے لوگوں کے سامنے پیش کرنا ہو گا اور ان سے کہنا ہو گا کہ اسے ووٹ دیں۔ یہ ان سیاست دانوں کا قصور نہیں؛ ان کے پیشے کی مجبوری ہے۔ یہ خرابی ہمارے مرکزی حکومتوں کے نظام میں مضمر ہے۔ یہ ہماری برانڈ کی جمہوریت کا پیدائشی نقص ہے۔ جاہل لوگوں کی تعداد جتنی زیادہ ہو گی، ملک اتنا ہی غریب ہو گا اور سیاست دان اتنے ہی اخلاقی طور پر دیوالیہ ہوں گے، اور قومی شناخت کیا ہونی چاہیے اس کے بارے میں ان کے خیالات اتنے ہی بد ہیئت ہوں گے۔ ایسی صورتِ حال میں ناخواندگی محض افسوسناک نہیں بلکہ باقاعدہ خطرناک ہے۔ لیکن انصاف کی بات یہ ہے کہ ہندوستان کے لیے "قومی شناخت" کی کوئی قابلِ قبول صورت وضع کرنا دانش اور بصیرت رکھنے والے افراد کے لیے بھی نہایت دشوار کام ثابت ہوتا۔ ہر ہندوستانی شہری اگر چاہے تو خود کو کسی نہ کسی قسم کی اقلّیت کا حصہ قرار دے سکتا ہے۔ ہندوستان کی آبادی کو تقسیم کرنے والی یہ لکیریں افقی، عمودی، تہہ در تہہ، مدوّر، نیچے سے اوپر، اندر سے باہر اور باہر سے اندر جاتی ہوئی محسوس ہوتی ہیں۔ جب کوئی آگ لگائی جاتی ہے تو وہ ان میں سے کسی بھی لکیر کے ساتھ چلتی ہوئی کہیں بھی پہنچ سکتی ہے اور بے پناہ سیاسی توانائی خارج کر سکتی ہے۔ بالکل ویسی توانائی جیسی ایٹم کو پھاڑنے سے پیدا ہوتی ہے۔
	گاندھی نے اِسی توانائی کا استعمال کرنا چاہا تھا جب انھوں نے جادو کا چراغ رگڑ کر رام اور رحیم کو انسانی سیاست میں داخل ہونے اور برطانیہ کے خلاف ہندوستان کی آزادی کی جنگ میں حصہ لینے کی دعوت دی۔ یہ ایک نازک، شاندار اور پُر تخیل جدوجہد تھی لیکن اس کے مقاصد سادہ اور واضح تھے، ہدف بالکل غیر مبہم اور سامنے تھا اور اُس ہدف کے چہرے پر سیاسی گناہ کی علامت بھی صاف دیکھی جا سکتی تھی۔ اُن حالات میں اس توانائی کو اپنا مرکز آسانی سے دستیاب ہو گیا۔ مشکل یہ ہے کہ اب حالات بالکل بدل چکے ہیں، مگر جن بوتل سے باہر ہے اور اندر واپس جانے کو تیار نہیں۔ (اسے اندر بھیجا جا سکتا ہے، لیکن کوئی اسے اندر بھیجنے پر آمادہ نہیں، کیوں کہ یہ سب کے لیے کارآمد ثابت ہوا ہے۔) درست کہ اس نے ہمیں آزادی دلوائی، لیکن اسی کے باعث تقسیم ملک کے وقت فسادات بھی پیش آئے۔ اور اب، پہلے سے کہیں گھٹیا سیاست دانوں کے ہاتھوں میں، اسی جِن نے ہمیں ہندو ایٹم بم کا تحفہ دیا ہے۔
	لیکن انصاف کی بات یہ ہے کہ گاندھی اور قومی تحریک کے دوسرے رہنماؤں کو وہ دانش حاصل نہ تھی جو ماضی کے تجربات سے پیدا ہوتی ہے۔ وہ یہ نہیں جان سکتے تھے کہ ان کی اختیار کردہ حکمت عملی کے آخری، طویل میعادی اثرات کیا ہوں گے۔ ان کو اندازہ نہیں ہو سکتا تھا کہ صورت حال یوں پلک جھپکتے میں قابو سے باہر ہو جائے گی۔ وہ نہیں جان سکتے تھے کہ جب وہ یہ مشعل اپنے بعد آنے والوں کے ہاتھ میں دیں گے تو کیا ہو گا، اور نہ یہ کہ وہ ہاتھ کس قدر بد دیانت ثابت ہوں گے۔
	زوال کا اصل آغاز اندرا گاندھی سے ہوا تھا۔ یہ وہی تھی جس نے بوتل کے اس جن کو مستقل سرکاری مہمان کا درجہ دیا۔ اسی کے ہاتھوں یہ زہر ہماری سیاسی شریانوں میں داخل ہوا۔ اسی نے ہماری مخصوص قسم کی سِفلہ موقع پرستی کو ایجاد کیا۔ اُسی نے دکھایا کہ کس طرح فرضی دشمن اختراع کیے جاتے ہیں، کیسے اُن خیالی ہستیوں پر آگ برسائی جاتی ہے جنھیں خاص اسی مقصد کے لیے احتیاط سے گھڑا گیا ہو۔ وہی تھی جس نے دریافت کیا کہ لاشوں کو کبھی دفن نہ کرنے کے کیا فوائد ہو سکتے ہیں؛ وہ جب چاہتی ان متعفن ڈھانچوں کو باہر نکال کر پرانے زخم تازہ کر دیتی تھی۔ اُس نے اور اس کے بیٹوں نے مل کر ملک کو گھٹنوں کے بل جھکا دیا۔ ہماری نئی حکومت کے لیے صرف اتنا کام باقی رہ گیا کہ وہ ہمیں ٹھوکر مار کر اوندھا گرا دے اور ہماری گردن کلھاڑے کی زد پر رکھ دے۔
	بعض اعتبار سے بھارتیہ جنتا پارٹی ایک ایسا عفریت ہے جسے اندرا گاندھی اور کانگریس نے تخلیق کیا۔ یا اگر آپ اتنے سفاک ہونا نہیں چاہتے تو یہ کہہ لیجیے کہ یہ وہ عفریت ہے جس نے اُن سیاسی خلاؤں اور فرقہ وارانہ شکوک میں خوراک اور پرورش پائی جنھیں کانگریس نے پیدا کیا اور بڑھایا تھا۔ اُس نے انتظامی سیاست کو ایک نئے رنگ میں رنگ ڈالا۔ جب اندرا گاندھی سیاست دانوں اور ان کی پارٹیوں کے ساتھ درپردہ کھیلوں میں مصروف تھی، تب اُس نے عام لوگوں سے خطاب کرنے کے لیے کانونٹ اسکولوں کے سے انداز کی خطابت تیار کر رکھی تھی جس میں پِٹے ہوے بلند بانگ الفاظ کی ریل پیل تھی۔ اس کے برخلاف بی جے پی نے اپنی آگ سیدھے سڑکوں پر اور لوگوں کے گھروں اور دلوں میں بھڑکانے کا انتخاب کیا۔ وہ دن دہاڑے وہی سب کچھ کرنے کو تیار ہے جو کانگریس صرف رات میں کرنا پسند کرتی ہے۔ جو باتیں پہلے ناقابلِ قبول سمجھی جاتی تھیں (مگر اس کے باوجود کی جاتی تھیں) ان کو جائز بنانے کو تیار ہے۔
	یہاں شاید منافقت کے حق میں ایک کمزور سا مقدمہ تیار کیا جا سکتا ہے۔ کیا کانگریس کی منافقت سے، اس حقیقت سے کہ وہ لوگ اپنے شرمناک افعال کھلم کھلّا نہیں بلکہ چوری چھپے انجام دیتے ہیں، یہ معنی نکالے جا سکتے ہیں کہ کہیں احساسِ جرم کی کوئی ہلکی سی رمق موجود ہے؟ گزری ہوئی شائستگی کی خفیف سی جھلک؟
	درحقیقت ایسا نہیں ہے۔
	نہیں، ایسا ہرگز نہیں ہے۔
	یہ میں کیا کر رہی ہوں؟ امید کے ذرا ذرا سے چیتھڑوں کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہی ہوں؟
	یہ سب کچھ جس طرح پیش آیا ہے __ بابری مسجد کے ڈھائے جانے کے سلسلے میں بھی اور ایٹم بم بنانے کے معاملے میں بھی __ اس کی اصل یہ ہے کہ کانگریس نے بیج بوئے اور فصل تیار کی، پھر بی جے پی منظر پر نمودار ہوئی اور اس نے یہ مہیب، تیّار فصل کاٹ لی۔ یہ دونوں __ کانگریس اور بی جے پی __ رقص کے ساتھی ہیں، ایک دوسرے کی بانہوں میں لپٹے ہوے۔ ان کو ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جا سکتا، خواہ وہ ایک دوسرے سے اختلافات کا کتنا ہی اظہار کیوں نہ کریں۔ ان دونوں نے مل کر ہمیں یہاں، اِس دہشت ناک مقام پر پہنچا دیا ہے۔
	وہ قہقہے لگاتے، ہنگامہ کرتے نوجوان جنھوں نے بابری مسجد کو مسمار کیا تھا وہی ہیں جن کی تصویریں ایٹمی آزمائشوں کے اگلے دن اخباروں میں شائع ہوئیں۔ یہ وہی تھے جو سڑکوں پر ہندوستان کے ایٹم بم کی خوشی منا رہے تھے اور ساتھ ہی ساتھ کوک اور پیپسی کے کریٹ خالی کرتے ہوے "مغربی کلچر" کی مذمت بھی کرتے جا رہے تھے۔ میں ان کی منطق سے چکرا کر رہ جاتی ہوں: کوک تو مغربی کلچر ہے، اور ایٹم بم غالباً ایک قدیم ہندوستانی روایت ہے؟
	ہاں، میں نے یہ بات سن رکّھی ہے __ کہ بم کا ذکر ویدوں میں موجود ہے۔ ممکن ہے ہو، لیکن اگر آپ غور سے دیکھیں تو آپ کو شاید وہیں کہیں کوک کا ذکر بھی دکھائی دے جائے گا۔ تمام مذہبی متنوں کی یہی تو بڑی خوبی ہے۔ آپ ان میں جو چاہیں تلاش کر سکتے ہیں، بشرطے کہ آپ کو معلوم ہو کہ آپ کو کس شے کی تلاش ہے۔
	لیکن ویدوں کے بہت بعد ۱۹۹۰ کی دہائی میں واپس لوٹتے ہوے: سفید فام اندازِ فکر کے قلب میں داخل ہو کر ہم نے مغربی سائنس کی بدترین ایجاد کو سینے سے لگا لیا۔ لیکن ان کی موسیقی، ان کی غذا، ان کا لباس، ان کا سنیما اور ان کا ادب ہمارے احتجاج کا ہدف بنا ہوا ہے۔ اسے منافقت نہیں کہا جاتا۔ یہ مزاح ہے۔
	یہ ایک ایسا مذاق ہے جو کسی کھوپڑی کے ہونٹوں پر بھی مسکراہٹ لے آئے۔
	ہم دوبارہ اُسی دُخانی جہاز پر سوار ہیں۔ ناتسی ایس ایس کی مستند آریائی اور مستند ہندوستانی شناخت کے جہاز پر۔
	اگر استناد دوست (یعنی قوم دشمن) تحریک کا چلایا جانا لازمی ہے تو حکومت کو تاریخ کا درست علم اور حقائق کی صحیح پہچان تو ہونی چاہیے۔ اگر یہ کام کرنا ہی ہے تو پھر کیوں نہ ٹھیک سے کیا جائے۔
	سب سے پہلی بات یہ کہ اس خطّے کے اصل رہنے والے ہندو نہیں تھے۔ ہندومت قدیم ضرور ہے، لیکن انسان اس زمین پر ہندومت کے پیدا ہونے سے پہلے بھی موجود تھا۔ ہندوستان کے آدی واسی قبائلیوں کا دعویٰ اِس سرزمین پر بسنے والے تمام دوسرے گروہوں سے زیادہ مضبوط ہے۔ اور ان اصل باشندوں کے ساتھ ریاست اور اس کے کارندوں نے کیا سلوک کیا؟ انھیں کچلا گیا، دھوکا دیا گیا، ان سے ان کی زمین چھین لی گئی اور انھیں فالتو چیزوں کی طرح سامنے سے ہٹا کر کونے میں پھینک دیا گیا۔ مستند ہندوستان کے سلسلے میں چلائی جانے والی کسی تحریک کا صحیح نقطۂ آغاز یہ ہو گا کہ ان کو وہ عزت واپس دی جائے جو کبھی ان کو حاصل تھی۔ غالباً ہماری حکومت یہ واضح اعلان کر سکتی ہے کہ دریائے نرمدا پر سردار سرووَر ڈیم جیسے ڈیم اور نہیں بنائے جائیں گے اور انسانی آبادیوں کو ان کے مقام سے نہیں ہٹایا جائے گا۔
	مگر ظاہر ہے، یہ بات ناقابلِ تصور ہو گی۔ کیوں؟ کیوں کہ یہ عملی طور پر ناممکن ہے۔ کیوں کہ آدی واسیوں کی دراصل کوئی اہمیت نہیں۔ ان کی تاریخ، ان کے رسم و رواج، ان کے دیوی دیوتا سب فالتو چیزیں ہیں۔ ان کو چاہیے کہ اپنی ان چیزوں کو قوم کی وسیع تر بھلائی کے لیے قربان کرنا سیکھیں (اُسی قوم کی بھلائی کے لیے جس نے ان سے ان کا سب کچھ چھین لیا ہے۔)
	چلیے، ان کا قصہ تو یوں پاک ہوا۔
	رہیں باقی چیزیں، تو میں ایک جامع عملی فہرست تیار کر سکتی ہوں کہ کن کن چیزوں پر پابندی لگائی جانی چاہیے اور کن کن عمارتوں کو ڈھایا جانا چاہیے۔ مکمل فہرست تیار کرنے کے لیے تھوڑی سی تحقیق درکار ہو گی، لیکن چند تجاویز تو میں بغیر تیاری کے بھی پیش کر سکتی ہوں۔
	وہ لوگ اپنے کام کا آغاز ہماری غذا میں شامل بیرونی اشیا کو خارج کر کے کر سکتے ہیں: مرچ (میکسیکو)، ٹماٹر (پیرو)، آلو (بولیویا)، کافی (مراکش)، چائے، سفید شکر اور دارچینی (چین)... اس کے بعد وہ غذا تیار کرنے کے طریقوں کی جانب قدم بڑھا سکتے ہیں۔ مثلاً دودھ اور شکر والی چائے (برطانیہ)۔
	تمباکو نوشی کا تو ظاہر ہے سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ تمباکو شمالی امریکا سے آیا تھا۔
	کرکٹ، انگریزی زبان اور جمہوریت پر پابندی لگا دینی چاہیے۔ کرکٹ کی جگہ کبڈی یا  کھوکھو کو دی جا سکتی ہے۔ میں کوئی جھگڑا کھڑا نہیں کرنا چاہتی اس لیے انگریزی کا متبادل تجویز کرتے ہوے مجھے ہچکچاہٹ ہو رہی ہے۔ (اِطالوی؟ ... آخر یہ زبان ہم تک زیادہ محبت بھرے راستے سے پہنچی ہے۔ شادی سے نہ کہ امپریلزم سے۔) جہاں تک جمہوریت کے نمودار ہوتے ہوے، اور بظاہر سب کے لیے قابلِ قبول، متبادل کا سوال ہے، اس کا ذکر پہلے (اسی مضمون میں) آ چکا ہے۔
	وہ تمام اسپتال جن میں مغربی طب کے طریقے استعمال یا تجویز کیے جاتے ہیں، بند کر دینے چاہییں۔ تمام قومی اخبارات کی اشاعت روک دینی چاہیے۔ ریلوے لائنوں کو اکھاڑ پھینکنا چاہیے۔ ایرپورٹ بند کر دینے چاہییں۔ اور ہمارے تازہ ترین کھلونے __ موبائل فون __ کے بارے میں کیا خیال ہے؟ کیا ہم اس کے بغیر رہ سکتے ہیں؟ یا مجھے اس کے سلسلے میں استثنیٰ کی تجویز پیش کرنی چاہیے؟ اسے غالباً "یونیورسل" کے خانے میں ڈالا جا سکتا ہے۔ (اس خانے میں صرف بنیادی ضرورت کی اشیا رکھی جائیں گی؛ موسیقی اور ادب کے لیے کوئی جگہ نہیں ہو گی۔) یہ کہنا غیر ضروری ہے کہ اپنے بچوں کو پڑھنے کے لیے امریکی یونیورسٹیوں میں بھیجنا یا اپنا پروسٹیٹ نکلوانے کے لیے خود امریکا جانا قابلِ سزا جرم ہو گا۔
	عمارتوں کو ڈھانے کی مہم راشٹر پتی بھون سے شروع کی جائے اور رفتہ رفتہ اسے شہروں سے دیہاتوں تک پھیلایا جائے اور راستے میں آنے والی ان تمام یادگاروں (مسجدوں، گرجا گھروں اور مندروں) کو تباہ کر دیا جائے جو اُس زمین پر تعمیر کی گئیں جو کبھی قبائلی یا جنگلی زمین تھی۔
	یہ ایک طویل، بہت طویل فہرست ہو گی۔ اسے تیار کرنا ہی برسوں کا کام ہے۔ اور اس کی تیاری میں مجھے کمپیوٹر کی مدد بھی حاصل نہیں ہو گی، کیوں کہ ظاہر ہے یہ تو کوئی مستند ہندوستانی طریقہ نہیں ہو گا۔
	میں مذاق کو زیادہ طول نہیں دینا چاہتی، صرف اس بات کی طرف اشارہ کرنا چاہتی ہوں کہ یہ راستا جہنم میں جانے کے شارٹ کٹ کے سوا کچھ نہیں ہے۔ "مستند ہندوستان" یا "اصل ہندوستانی" نام کی کسی شے کا وجود نہیں ہے۔ ایسی کوئی خدائی کمیٹی نہیں ہے جو ہندوستان یا ہندوستانیت کے کسی ایک روپ کو منظور شدہ روپ قرار دے کر یہ طے کر دے کہ اسے یہی ہونا چاہیے۔ کوئی مذہب، کوئی زبان، کوئی ذات، کوئی علاقہ، کوئی شخص، کوئی کہانی، کوئی کتاب ایسی نہیں جو ہندوستان کی واحد نمائندہ ہونے کا دعویٰ کر سکے۔ ہاں، ہندوستان کے بارے میں مختلف وِژن ہیں، اور ہو سکتے ہیں، اور ہندوستان کو دیکھنے کے مختلف طریقے ہیں __ ایمان دارانہ، بد دیانت، حیران کن، لغو، جدید، روایتی، مردانہ، زنانہ۔ ان پر بحث کی جا سکتی ہے، ان پر تنقید ہو سکتی ہے، ان کی تعریف ہو سکتی ہے، ان پر طنز کیا جا سکتا ہے، لیکن ان میں سے کسی پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی، نہ ان میں سے کسی کو تباہ کیا جا سکتا ہے۔ ان کو دھمکا کر خاموش بھی نہیں کرایا جا سکتا۔
	ماضی کے خلاف زہر اگلنے سے ہمیں کچھ حاصل نہیں ہونے والا۔ ماضی ان واقعات پر مشتمل ہے جو پیش آ چکے ہیں۔ یہ وہ باب ہے جو بند ہو چکا۔ جو راستا مستقبل کی طرف جاتا ہے اس کی سمت بدلنے کے لیے ہم صرف یہ کر سکتے ہیں کہ ماضی کی جن چیزوں سے ہمیں محبت ہے اُن کی حوصلہ افزائی کریں، نہ کہ جن چیزوں سے ہمیں نفرت ہے اُن کو تباہ کرنے کی کوشش کریں۔ ہماری اس سفاک، مجروح دنیا میں بھی حُسن موجود ہے __ پوشیدہ، شدید اور فراواں۔ وہ حُسن جو بلا شرکت غیرے ہمارا اپنا ہے اور وہ حُسن بھی جسے ہم نے وقار کے ساتھ دوسروں سے حاصل کیا ہے، اسے بڑھایا ہے، نئی اختراعات کر کے اسے سنوارا ہے، اسے اپنایا ہے۔ ہمیں حُسن کو تلاش کرنا ہو گا، اس کی پرداخت کرنی ہو گی، اس سے محبت کرنی ہو گی۔ بم بنا کر اس کو صرف تباہ کیا جا سکتا ہے۔ اور اس سے بھی کچھ فرق نہیں پڑتا کہ ہم اس بم کو استعمال کرتے ہیں یا نہیں۔ بم ہمیں دونوں صورتوں میں تباہ کر ڈالے گا۔
	ہندوستان کا ایٹم بم اُس حکمراں طبقے کی جانب سے حتمی غداری کا فعل ہے جس نے اپنے عوام کو دھوکا دیا ہے۔
	ہم اپنے سائنس دانوں کو تعریف کے کتنے ہی ہاروں سے لاد دیں، ان کے سینوں پر کتنے ہی تمغے آویزاں کر دیں، حقیقت یہی ہے کہ بم بنانا بہت آسان کام ہے، چالیس کروڑ عوام کو تعلیم دینا اس سے کہیں زیادہ دشوار ہے۔
	رائے عامہ کے جائزے ہم سے یہ ماننے کی توقع کرتے ہیں کہ اس مسئلے پر قومی اتفاقِ رائے موجود ہے۔ اب تو یہ سرکاری موقف ہو گیا ہے __ ہر شخص بم سے محبت کرتا ہے (چناں چہ بم ضرور اچھی چیز ہے۔)
	جو شخص اپنا نام تک نہیں لکھ سکتا، کیا اس کے لیے ایٹمی اسلحے کے بارے میں نہایت بنیادی، سادہ ترین حقائق تک کو سمجھ پانا ممکن ہے؟ کیا کسی نے اُس شخص کو اطلاع دی ہے کہ ایٹمی جنگ کا جنگ کے اُس تصور سے ذرا سا بھی تعلق نہیں جو قدیم زمانے سے اُس تک پہنچا ہے؟ کہ اس جنگ کا شجاعت اور عزت کے تصورات سے کوئی تعلق نہیں؟ کیا کسی نے اس کو یہ سمجھانے کی زحمت اٹھائی ہے کہ تھرمل بلاسٹ، ریڈیو ایکٹو اثرات اور ایٹمی موسمِ سرما کا کیا مطلب ہوتا ہے؟ کیا اُس شخص کی زبان میں ایسے لفظ ہیں جن کی مدد سے افزودہ یورینیم، فِسِل مٹیریل اور کرِیٹیکل ماس کے تصورات کو بیان کیا جا سکے؟ یا اُس کی زبان فرسودہ ہو گئی ہے اور اس کی کوئی اہمیت نہیں رہی؟ کیا وہ کسی ٹائم کیپسول میں بند، دنیا کو اپنے آس پاس سے گزرتا دیکھنے اور کچھ نہ سمجھ پانے، کسی شے سے رابطہ قائم نہ کر سکنے پر مجبور ہو چکا ہے، صرف اس لیے کہ اُس کی زبان اُن بھیانک چیزوں کو نام دینے سے قاصر ہے جنھیں بنی نوعِ انسان نے ایجاد کیا ہے؟ کیا اس شخص کے وجود کی کوئی اہمیت نہیں؟ کیا ہم اس کے ساتھ وہ سلوک کریں گے جو ذہنی طور پر پسماندہ افراد کے ساتھ کرتے ہیں؟ کیا اُس کے سوالوں کا جواب ہم آیوڈین کی گولیاں کھانے کے مشوروں اور ان قصّے کہانیوں سے دیں گے کہ کس طرح بھگوان کرشن نے پہاڑی کو انگلی کی نوک پر اٹھا لیا تھا اور کس طرح ہنومان کے ہاتھوں لنکا کی تباہی رام اور سیتا کی نیک نامی قائم رکھنے کے لیے ناگزیر تھی؟ کیا ہم اُس کی اپنی ان خوب صورت اور پُر تخیل کہانیوں کو اُسی کے خلاف ہتھیاروں کے طور پر استعمال کریں گے؟ کیا ہم اسے صرف الیکشن کے وقت اس کے کیپسول سے باہر نکالیں گے، اور جب وہ ووٹ ڈال چکا ہو گا، اس سے ہاتھ ملا کر عوامی دانش کے بارے میں تھوڑی بہت بکواس کر کے اسے دوبارہ کیپسول میں ٹھونس دیں گے؟
	ظاہر ہے، میں کسی ایک فرد کی بات نہیں کر رہی ہوں۔ میں ان کروڑوں لوگوں کی بات کر رہی ہوں جو اس ملک میں رہتے ہیں۔ آپ جانتے ہیں کہ یہ زمین اُن کی بھی ہے۔ اُن کو بھی مسئلے کے تمام پہلوؤں سے واقف ہو کر اس کی قسمت کے فیصلے میں شریک ہونے کا پورا حق ہے، اور جہاں تک مجھے معلوم ہے کسی نے اُن کو کسی بات کی اطلاع نہیں دی ہے۔ المیہ یہ ہے کہ اگر کوئی چاہے بھی تو ایسا نہیں کر سکتا۔ درحقیقت ایسی کوئی زبان ہی وجود نہیں رکھتی جس میں اُن کو یہ ہولناک باتیں سمجھائی جا سکیں۔ ہندوستان کی اصل دہشت ناک حقیقت یہی ہے۔ طاقت پر قابض افراد اور طاقت سے محروم لوگ اپنے اپنے مداروں میں ہیں اور ایک دوسرے سے مسلسل دور ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ ان کے راستے ایک دوسرے کو قطع نہیں کرتے، ان کی کوئی چیز مشترک نہیں ہے __ نہ زبان، نہ ملک۔
	وہ لوگ کون ہیں جنھوں نے رائے عامہ کے یہ جائزے مرتب کیے ہیں؟ وزیرِ اعظم کون ہوتا ہے یہ فیصلہ کرنے والا کہ کس کی انگلی ایک بٹن دبا کر ہماری ہر محبوب شے کو __ ہماری زمین، ہمارے آسمانوں، ہمارے پہاڑوں، ہمارے میدانوں، ہمارے دریاؤں، ہمارے شہروں اور گاؤوں کو __ لمحے بھر میں نیست و نابود کر دے؟ کون ہوتا ہے وہ ہمیں یہ تسلّی دینے والا کہ کوئی حادثہ رونما نہیں ہو گا؟ اُسے کیا پتا؟ ہم اُس پر کیوں اعتبار کریں؟ اُس نے کون سا ایسا عمل کیا ہے کہ وہ ہمارے اعتبار کا اہل بن سکے؟ کیا ان میں سے کسی ایک شخص نے بھی کبھی ایسا کوئی کام کیا ہے کہ ہم ان پر اعتبار کر سکیں؟
	ایٹم بم انسان کے ہاتھوں وجود میں آنے والی سب سے زیادہ جمہوریت دشمن، قوم دشمن، انسان دشمن، اور شیطانی چیز ہے۔
	اگر آپ مذہب پر یقین رکھتے ہیں تو یاد رکھیے کہ ایٹم بم انسان کی طرف سے خدا کو دیا جانے والا چیلنج ہے۔
	اس چیلنج کے الفاظ بالکل سادہ ہیں: تُو نے جو کچھ بنایا ہے اسے ہم تباہ کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔
	اگر آپ مذہبی نہیں ہیں تو اس کو یوں دیکھ سکتے ہیں:
	ہماری دنیا چار ارب ساٹھ کروڑ سال پرانی ہے۔
	اور یہ محض ایک سہ پہر میں تباہ کی جا سکتی ہے۔
٭٭٭

’آج‘ مدیر: اجمل کمال، شمارہ ۲۶ سے ماخوذ
ماخذ:
http://pakdata.com/aaj/aaj26/arundhati.htm
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
