﻿


ترے نام اک ستارا



مبشر سعید



جمع و ترتیب: اعجاز عبید












حمد اس خالق پنجتن کے لئے 
باعث ابر ہے جو چمن کے لئے 

ابتدا ہے محمد کے ہی نام سے 
رحمت گل زمین و زمن کے لئے 

منقبت ہی لکھے گا قلم یہ میرا
فاطمہ اور حسین و حسن کے لئے 

گر میسر ہوئی خاک کربل کر مجھے 
مان لوں گا قبا میں بدن کے لئے 

میں مبشر اسے زندگی ہی کہوں 
نعت ہو جائے مختص جو فن کے لئے 
٭٭٭


ہم شاعر ہوتے ہیں

نفرت سے دیکھے جاتے ہیں بیچارے 
پر ہم
چہرے پڑھنے آنکھیں لکھنے میں ماہر ہوتے ہیں 
ہم شاعر ہوتے ہیں 
ہم ہر دکھ چپ چاپ
سہے جاتے ہیں 
اپنے حرفوں کی چھاؤں کے نیچے 
رہ لیتے ہیں 
پر سب سے سچ کے باتیں 
کہہ لیتے ہیں 
ہم بے منزل ہی سائر ہوتے ہیں 
ہم شاعر ہوتے ہیں 
٭٭٭


ساری خوشیاں ہم سے خائف
ہم ٹھہرے دکھ درد کے مارے 

رب کی رسی تھامے رکھو
چھوڑو سب کمزور سہارے 

تم پر ہم نے غزلیں سوچیں 
دل جان جگر تجھ پر وارے 

عشق محبت کی بازی میں 
تجھ کو جیتا تجھ کو ہارے 

مجھ کو تیری یاد دلائیں 
بادل، برکھا،  جھرنے،  دھارے 
٭٭٭





بستی، بستی، بستی دنیا
میرے غم پر ہنستی دنیا

آنکھوں میں ہے اونچا امبر
پیر تلے ہے پستی دنیا

دنیا اس کو مہنگا جانے 
جیون سے ہے سستی دنیا

فرض کرو گر تم نہ ہوتے 
دل کو کیسے چپتی دنیا

ہر گام پہ میں نے دیکھی ہے 
بکتی دنیا بکتی دنیا

چار عناصر تو فانی ہیں 
پیار، محبت، مستی، دنیا
٭٭٭





جیسے ہی اترائے لڑکی
میرے من کو بھائے لڑکی

میرے خواب سجائے لڑکی
دل کا چین چرائے لڑکی

کچھ سال گزارنے بابل گھر
باقی دیس پرائے لڑکی

نظموں جیسا چہرہ لے کر
غزلوں میں آ جائے لڑکی

ظلمت کی ڈستی راتوں میں 
آس کے دیپ جلائے لڑکی

کانٹوں کو اپنے پاس رک ہے 
پھولوں سے ڈر جائے لڑکی

میٹھی میٹھی بھاشا بولے 
چپکے سے مسکائے لڑکی

موبائل پر میسج بھیجے 
دل کا حال بتائے لڑکی

صحن میں بیٹھی ہنستی جائے 
چھت پر بال سکھائے لڑکی

خط میں لکھ دے اپنی خوشیاں 
اپنے درد چھپائے لڑکی

اپنی ساری سکھیوں کو بھی
میرے شعر سنائے لڑکی

یہ تو میری کمزوری ہیں 
ٹی وی، سگریٹ چائے لڑکی
٭٭٭




لڑکیاں 


کچی عمروں میں 
دیکھا کرتی ہیں 
خواب مگر
وہ خواب کبھی بھی
شرمندہ تعبیر نہیں ہوتے 
دکھوں کی ماری ہوئی
بیچاری
ہوتی ہے 
ہر اک لڑکی
٭٭٭





ہوا کا شور آتا ہے محبت جیت جاتی ہے 
کوئی جب گنگناتا ہے محبت جیت جاتی ہے 

سحر شام ہو یا شام کی ہو وہ سحر کوئی
ہر اک لمحہ بتاتا ہے محبت جیت جاتی ہے 

ستاتا ہے رلاتا ہے اور اکثر روٹھ جاتا ہے 
جب وہ مان جاتا ہے محبت جیت جاتی ہے 

ہمارے پیار کے قصے بڑے مشہور ہیں اب بھی
جسے دیکھو سناتا ہے محبت جیت جاتی ہے 

جو کل تک درس دیتا تھا مجھے دل کی جفاؤں کا
سبق وہ اب پڑھاتا ہے محبت جیت جاتی ہے 

میں اکثر کانپ سا جاتا ہوں اس کی اشک شوئی سے 
وہ جب بھی مسکراتا ہے محبت جیت جاتی ہے 

اشارہ کر کے چپکے سے اور اکثر مسکرا کے بھی
مجھے جب وہ بلاتا ہے محبت جیت جاتی ہے 

مرے احباب جب بھی سننا چاہتے ہیں غزل مجھ سے 
لبوں پہ آ ہی جاتا ہے محبت جیت جاتی ہے 

مبشر نے دیکھا ہے یہی سچ ہے حقیقت ہے 
زمانہ ہار جاتا ہے محبت جیت جاتی ہے 
٭٭٭






اک سن لو میری بات پیا
مانا کہ ہوں کم ذات پیا

ہے میری کیا اوقات پیا
ہے اونچی تیری ذات پیا

ہو کیسے ہی حالات پیا
ہاتھوں میں رکھنا ہاتھ پیا

ساتھ جئیں گے ساتھ مریں گے 
آئی جتنی بھی آفات پیا

میں پاگل آوارہ لڑکا
ہیں میرے بھی جذبات پیا

تیرا چہرہ تاج محل سا
ہیں خوشبو جیسے ہاتھ پیا

نازل ہوتی ہو سوچوں پر
جب ہوتی ہے برسات پیا

میرے من کے مندر میں 
تم رہتی ہو دن رات پیا

مر کے جینا جی کے مرنا
ہیں میری یہ عادات پیا

صبح ازل سے شام ابد تک
چاہتا ہوں تیرا ساتھ پیا

ہر دن سجتی ہے آنکھوں میں 
ان اشکوں کی بارات پیا
٭٭٭



تو میرا پہلا پیار سجن
تو دلبر تو دلدار سجن

تو پھولوں کی مہکار سجن
تو گل تو ہی گلزار سجن

تو قدرت کا شاہکار سجن
مکھ تیرا ہے گلبہار سجن

تو جان جگر تو جان غزل
تو خوشیوں کو دیدار سجن

صورت تیری بھولی بھالی
ہیں لال حسیں رخسار سجن

دل کی باتیں تم سے کرنا
میں بھولا ہوں ہر بار سجن

میں بزدل ہوں میں پاگل ہوں 
یہ کہتے ہیں سب یار سجن

تیرے نین بنے تلور پیار
میں زخمی میں لاچار سجن

تیرے نغموں کو گاتا ہے 
دل کا بھی ہر اک تار سجن

میں ہر دم تیری یادوں میں 
اب رہتا ہوں سرشار سجن

میرے حرفوں سے اقرار عیاں 
تیرے لفظوں میں انکار سجن

نہ تم سے جس دن بات کرے 
دل رہتا ہے بیزار سجن

جب جانب بھی اب دیکھوں میں 
ہر رستہ ہے پر خار سجن

تم بھی مانو اک بات مری
اب چھوڑ چلیں گھر بار سجن
٭٭٭


تیرا مکھڑا قرطاس بنا کر لکھوں 
پھر شب کو میں احساس بنا کر لکھوں 

دید کو دید کو لطف کا آئے گا جب
دید کو دید کی میں آس بنا کر لکھوں 

شاید ان سے ہی تیری خوشبو آئے 
میں لفظوں کو ہی باس بنا کر لکھوں 

ہر روز ہی اپنی خاموش محبت کا
میں اشکوں کو عکاسی بنا کر لکھوں 

ہر پل لکھا ہے جس کو جان مبشر
اب سوچا ہے کی الماس بنا کر لکھوں
٭٭٭



میں جینے کا بہانہ چاہتا ہوں 
تمہیں دل میں بسانا چاہتا ہوں 

خوشی سے میں سدا اپنے گلے میں 
جہاں کے غم لگانا چاہتا ہوں 

زمیں غم ترے من کے مکاں میں 
وفا ساری جلانا چاہتا ہوں 

ترے سندر سراپے کو حیا کی
غزل میں بھی سجانا چاہتا ہوں 

خدائے لم یزل تیرے ہی آگے 
سر مضطر جھکائے چاہتا ہوں 

غموں کے گھر ہنسی کی بارشیں ہوں 
سماں ایسا بنانا چاہتا ہوں 

سنا ہے کہ یقین بھی اک گمان ہے 
گماں کو سچ بنانا چاہتا ہوں 

کسی کو کل مبشر نے صدا دی
تجھے اپنا بنانا چاہتا ہوں 
٭٭٭



تم بن


میرے کمرے میں آؤ
دیکھو
کتنی ویرانی ہے میرے کمرے میں 
تم بن
اجڑا اجڑا سا ہے میرا کمرہ
دیکھو
cd palyer بھی
دھول میں اٹا پڑا ہے۔ ۔ بند پڑا ہے 
ساری سیڈیاں پڑی ہیں بکھری
اور ان پر گرد جمی ہے 
کچھ اشعر کی کتابیں ہیں 
اور کچھ تمہاری تصویریں ہیں جو
میری تنہائی کی ساتھی ہیں اب
پر تم بن
نہ کچھ کرنے کو
نہ کچھ کرنے کو
اب تو آ جاؤ ناں 
آ ہی جاؤ ناں 
میرے کمرے
٭٭٭





تم سے لوگ دغا کرتے ہیں 
ہم سے لوگ وفا کرتے ہیں 

جب ہم شعر لکھا کرتے ہیں 
تجھ کو یاد کیا کرتے ہیں 

شب بھر چاند ستاروں سے 
تیری بات سنا کرتے ہیں 

تیرا مکھڑا جب بھی دیکھیں 
دل میں پھول کھکھلا کرتے ہیں 

تیرے شہ رمیں رات گئے 
ہم تنہا گھوما کرتے ہیں 

تم سے مل کر پھر ملنے کی
ہم ہر روز دعا کرتے ہیں 
٭٭٭


یو فون
اپنے یو فون نمبر سے 
تم کو اک ایک میسج بھیجوں 
اس میسج میں 
دل کی سب باتیں لکھوں 
دن لکھوں، راتیں لکھوں 
سب گیت لکھوں، سب غزلیں لکھوں 
دل کا سب حال لکھوں 
تم سے تمہاری بابت کچھ پوچھوں 
پھر یہ سوچوں 
کیوں نہ
اپنی سب سے قیمتی شے 
یعنی اپنا دل تم کو سینڈ کرو
پر کیا کروں یو فون ابھی دل سینڈ نہیں کرتا
٭٭٭


عجیب طور درختوں نے شب گزاری ہے 
کہ شاخ شاخ قیامت کی سوگواری ہے 

یہ کیسا عشق ہے جو آنکھ تک نہیں آتا
یہ کیسی آگ ہے جو روشنی سے عاری ہے 

ہمارے دل کا ابد تو ہمیں نہیں معلوم
ہمارے دل کو ازل سے لگن تمہاری ہے 

جمالِ یار نے خود مست کر دیا پھر بھی
مرے حواس پہ اب تک شعور طاری ہے 

وہ جس کے سامنے کاسہ بدست ہے دنیا
سعید تک اُسی دہلیز کا بھکاری ہے 
٭٭٭





انکار کی لذت سے نہ اقرار جنوں سے 
یہ ہجر کھلا مجھ پہ کسی اور فسوں سے 

یہ جان چلی جائے مگر آنچ نہ آئے 
آداب محبت پہ کسی اور جنوں سے 

عجلت میں نہیں ہو گی تلاوت ترے رخ کی
آ بیٹھ مرے پاس ذرا دیر سکوں سے 

اے بار! کوئی بول محبت سے بھرا بول
کیا سمجھوں بھلا میں تری ہاں سے تری ہوں سے 

دیوار کا سایہ تو مجھے مل نہیں پایا
بیٹھا ہوں تری یاد میں اب لگ کے ستوں سے 

تجھ سے تو مری روح کا بندھن تھا مرے بار
انجان رہا تو بھی مرے حال دروں سے 
٭٭٭



تیز ہوا میں دیپ جلایا جا سکتا ہے 
لفظوں تک ادراک کا سایہ جا سکتا ہے 

در کو بھی دیوار بنایا جا سکتا ہے 
غاصب کا دربار گرایا جا سکتا ہے 

ہم ٹھہرے گمنام گھروں کے باسی، جگ میں 
ہم پر ہر الزام لگایا جا سکتا ہے 

تیری دید پرستش کے قابل ہے جاناں 
تیرا مُکھ تعویذ بنایا جا سکتا ہے 
٭٭٭



عشق نے مُجھ کو یہ نقطہ تعلیم کیا ہے 
خود میں ڈوب کے خود کو پایا جا سکتا ہے 

آج یہاں پہ میلہ سا ہے دل والوں کا
آج یہاں پہ شعر سنایا جا سکتا ہے 

خوابوں کو تو الفاظ میں لانا مشکل ہے 
لفظوں سے تو خواب بنایا جا سکتا ہے 

مُجھ کو یہ سکھلاتے ہیں اہلِ صبر سعید
سر کٹوا کے دین بچایا جا سکتا ہے 
٭٭٭



موسمِ وصل کا امکان ہُوا کرتے تھے 
ہم تری آنکھ میں مہمان ہُوا کرتے تھے 

جس گھڑی زیست کے سامان ہُوا کرتے تھے 
حوصلے عشق کے پروان ہُوا کرتے تھے 

ہم کو معلوم ہے اِک دور وہ بھی گُزرا ہے 
جب بشر صاحبِ ایمان ہُوا کرتے تھے 

ترے آنے سے بہاروں نے نکھارا ہے وجود
ہم کسی دور میں ویران ہُوا کرتے تھے 

میں وہ اشعار تو اشکوں سے لِکھا کرتا تھا
جو ترے ہجر کے دوران ہُوا کرتے تھے 

ہم کبھی تیز ہواؤں میں جلاتے تھے دیے 
ہم سے بھی عشق میں نقصان ہُوا کرتے تھے 

آج جس دوست نے دھُتکار دیا ہے مُجھ کو
ہم اُسی دوست پہ قربان ہُوا کرتے تھے 

محفلِ یاراں میں عزت گنوا بیٹھے ہو سعید
تم تو غیروں میں بھی ذیشان ہُوا کرتے تھے 
٭٭٭





کام مُشکل تھا مگر چھوڑ آیا
مَیں محبت کا نگر چھوڑ آیا

خواب تو زادِ سفر ہوتے ہیں 
اور مَیں زادِ سفر چھوڑ آیا

خود کو لے آیا مَیں اُس منظر سے 
اور وہاں دیدۂ تر چھوڑ آیا

لُو بچاتا تو یہ دن کب آتے 
رات کی تیغ پہ سَر چھوڑ آیا

آشیاں میں غمِ ہجرت کا نِشاں 
ایک ٹوٹا ہُوا پر چھوڑ آیا

ایک دہلیز پہ کُچھ پھُول دھرے 
اِک دریچے میں سحر چھوڑ آیا
٭٭٭






کب مری حلقۂ وحشت سے رہائی ہوئی ہے 
دل نے اِک اور بھی زنجیر بنائی ہوئی ہے 

اور کیا ہے مرے دامن میں محبت کے سوا
یہی دولت مری محنت سے کمائی ہوئی ہے 

میرا ہونا ترے ہونے سے ہُوا ہے مشروط
تیرے ہونے نے مری بات بنائی ہوئی ہے 

یہ میاں عشق ہے بچوں کا کوئی کھیل نہیں 
تم نے اِس دشت میں دیوار اٹھائی ہوئی ہے !

تیری صورت کو مَیں دیکھوں تو گماں ہوتا ہے 
تو کوئی حور ہے جو فرش پہ آئی ہوئی ہے 

تم نہیں جانتے اپنوں سے بچھڑنے کا دُکھ
مَیں نے اِس کرب میں دنیا ہی بسائی ہوئی ہے 

جب سے آیا ہوں مَیں اس دشت محبت کی طرف
خواب اپنے ہیں مگر نیند پرائی ہوئی ہے 

اِک پری زاد کے یادوں میں اُتر آنے سے 
زندگی وصل کی بارش میں نہائی ہوئی ہے 

میں تمہیں اور کسی کا نہیں ہونے دوں گا
اب کہانی تو عجب موڑ پہ آئی ہوئی ہے 

تم گئے ہو یہ وطن چھوڑ کے جس دن سے سعید
اِک اُداسی درو دیوار پہ چھائی ہوئی ہے 

اب تو سو جا کسی انجان اُداسی میں سعید
آنکھ بھی بھیگ چُکی رات بھی آئی ہوئی ہے 
٭٭٭



تیری آنکھوں میں رتجگا تو نہیں 
تو بھی اب ہجر آشنا تو نہیں 

تو کسی ہجر کی فضا تو نہیں 
پوچھ خود سے تو بے وفا تو نہیں 

یہ جو مَیں در بدر بھٹکتا ہوں 
یہ ترے عشق کے سزا تو نہیں 

آسماں تک جو یہ اُداسی ہے 
یہ مری ذات کا خلا تو نہیں 

تیری آنکھوں میں تیرتا ہوں میں 
تیری آنکھوں میں ڈوبتا تو نہیں 

عرش سے فرش تک اُداسی ہے 
عرش تا فرش کربلا تو نہیں 

آئینہ دیکھ کے یہ پوچھتا ہوں 
میں کہیں آپ سے مِلا تو نہیں 

اُس کا رستہ جُدا سہی لیکن
وہ مری ذات سے جُدا تو نہیں 

تُجھ سے تو بے تکلفی ہے مری
تو مرا دوست ہے ! خُدا تو نہیں 
٭٭٭



جو رنگہائے رُخِ دوستاں سمجھتے تھے 
وہ ہم نفس بھی مرا دکھ کہاں سمجھتے تھے 

وہی تو حاصلِ عمرِ رواں سمجھتے تھے 
جو برق و باد کو بھی آشیاں سمجھتے تھے 

محبتوں میں کنارے نہیں مِلا کرتے 
''مگر یہ ڈوبنے والے کہاں سمجھتے تھے ''

کھُلا کہ چادرِ شب میں بھی وسعتیں ہیں کئی
ذرا سی دھوپ کو ہم آسماں سمجھتے تھے 

خزاں کے عہدِ اسیری سے پیشتر طائر
چمن میں موسمِ گُل کی زباں سمجھتے تھے 

انہیں بھی دہر کی فرزانگی نہ راس آئی
جو کارِ عشق میں سُود و زیاں سمجھتے تھے 

کسی کا قُرب قیامت سے کم نہیں تھا سعید
فقط فراق کو ہم امتحاں سمجھتے تھے 
٭٭٭


عجیب طور درختوں نے شب گزاری ہے 
کہ شاخ شاخ قیامت کی سوگواری ہے 

یہ کیسا عشق ہے جو آنکھ تک نہیں آتا
یہ کیسی آگ ہے جو روشنی سے عاری ہے 

ہمارے دل کا ابد تو ہمیں نہیں معلوم
ہمارے دل کو ازل سے لگن تمہاری ہے 

جمالِ یار نے خود مست کر دیا پھر بھی
مرے حواس پہ اب تک شعور طاری ہے 

وہ جس کے سامنے کاسہ بدست ہے دنیا
سعید تک اُسی دہلیز کا بھکاری ہے 
٭٭٭



آنکھوں آنکھوں میں محبت کا اشارہ کر کے 
وقت چھوڑے گا مجھے دوست تمہارا کر کے 

بات دریا بھی کبھی رک کے کیا کرتا تھا
اب تو ہر موج گزرتی ہے کنارہ کر کے 

وہ عجب دشمنِ جاں تھا جو مجھے چھوڑ گیا
مرے اندر ہی کہیں مجھ کو صف آرا کر کے 

خواب تو خواب یہاں آنکھ اُجڑ جاتی ہے 
حاصلِ جاں ! تری فرقت کو گوارا کر کے 

اِک دیا اور جلایا ہے سحر ہونے تک
شبِ ہجراں ترے نام ایک ستارہ کر کے 

اک کلی شاخ کے اندر ہی کہیں روتی تھی
روزنِ در سے بہاروں کا نظارہ کر کے 

جب سے جاگی ہے ترے لمس کی خواہش دل میں 
رہنا پڑتا ہے مجھے خود سے کنارہ کر کے 

دشت چھانوں گا تری خاک محبت سے میں 
عشق! دیکھوں گا تجھے سارے کا سارا کر کے
٭٭٭





کام مشکل تھا مگر چھوڑ آیا
میں محبت کا نگر چھوڑ آیا

خواب تو زاد سفر ہوتے ہیں 
اور میں زاد سفر چھوڑ آیا

لو بچاتا تو یہ دن کب آتے؟
رات کی تیغ پہ سر چھوڑ آیا

آشیاں میں غم ہجر کا نشاں 
ایک ٹوٹا ہوا پر چھوڑ آیا

خود کو لے آیا میں اس منظر سے 
اور وہاں دیدۂ تر چھوڑ آیا

ایک دہلیز پہ کچھ پھول دھرے 
اک دریچے میں سحر چھوڑ آیا

٭٭٭

ماخذ: مختلف ویب سائٹس سے
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
