﻿


تسلیم و رضا






اقبال مجید






رحمت اللہ سے متعلق پہلی شکایت مفتی غلام محمد کے پاس یہ آئی کہ وہ مولوی احمد علی نانوتوی کا اس بات پر مذاق اڑاتا ہے کہ سبز رنگ کا جوتا یا چپل اس لیے نہیں پہننا چاہیے کہ سرور کائنات کے گنبد خضرا کا رنگ سبز ہے۔ رحمت کا کہنا تھا کہ حضورؐ کی پہچان ہرے لال پیلے رنگ سے نہیں، ان کے کردار اور عمل سے ہے۔

پھر چند دنوں میں دوسری شکایت یہ آئی کہ مدرسہ کے بزرگ معلم کے کتابچے کا رحمت ہر وقت مذاق اڑاتا ہے جس میں لڑکیوں کو یہ کہہ کر ڈرایا گیا تھا کہ اگر وہ ٹی وی دیکھیں گی تو ان کی لاش کو قبر اس وقت تک قبول نہیں کرے گی جب تک لاش کے ساتھ ٹی وی بھی نہیں دفنایا جائے گا۔ اس شکایت کو ابھی چند ہی روز ہوئے تھے کہ اگلی شکایت نے مفتی غلام محمد کو خاصہ فکر مند کر دیا۔ شکایت یہ تھی کہ نماز کی صف میں جب رحمت اللہ کھڑا ہوتا ہے تو پاس والے نمازی کو اس کے منھ سے بو آتی محسوس ہوتی ہے ؛ اور یہ جان کر ہی مولوی احمد علی نانوتوی نے مدرسہ کی مسجد میں جمعہ کے خطبہ میں قرآن شریف کا یہ حکم نمازیوں کو یاد دلایا تھا کہ نہ جاؤ نماز کے قریب جب تم نشے میں ہو۔

مدرسے کے امیر مفتی غلام محمد کو ان خبروں میں رحمت اللہ کے خلاف سر اٹھانے والی سازشوں کی بو اس لیے بھی محسوس ہوئی کہ وہ مدرسے کے ایسے سربراہ تھے جو اندر کی چھچھوری سیاست پر نظر رکھے بغیر کھانا نہیں کھاتے تھے۔ ایک شام بعد نماز مغرب امیر کے دفتر میں لمبے چوڑے اور گورے چٹے رحمت اللہ کی طلبی ہوئی، پوچھا گیا، "تم نے سبز رنگ کا جوتا نہ پہننے پر احمد علی نانوتوی صاحب کا مذاق اڑایا؟"

"جی ہاں۔ وہ حماقت بھرے وعظ دیتے ہیں۔"

"تم نے مولوی محمد حسین کے کتابچے کا مذاق اڑایا کہ وہ ٹی وی کو لے کر جہالت کی باتیں کرتے ہیں؟"

"جی ہاں!"

"اب یہ خبر گشت کر رہی ہے کہ۔۔۔"

"میرے منھ سے بو آتی ہے۔ شراب کی بو، یہ میرے خلاف سازش ہے۔"

"اگر تم بغیر سوچے سمجھے کچھ بھی بولتے رہے تو ایک دن تمھارے کمرے سے شراب کی بوتل نکلے گی۔ تم جاسکتے ہو۔ "

رحمت اللہ کچھ کہنا چاہتا تھا مگر خاموشی سے چلا آیا۔

صبح وضو کے لیے لق و دق صحن کے حوض کی منڈیر پر بیٹھا تو اس حوض کو غور سے دیکھتا رہا جس میں پانچ وقت با جماعت وضو کیا جاتا تھا۔ یہ حوض کئی بار رحمت اللہ کو یہ احساس دلا چکا تھا کہ وہ صرف مسلمان ہے اور باقی لوگ انسان۔ یہ سوچ کر وہ دل ہی دل میں گھٹ کر رہ جاتا تھا۔ وضو کرتے کرتے رحمت اللہ کو یاد آیا کہ اس کے کاشت کار باپ نے اس وقت خودکشی کر لی تھی جب رحمت کی عمر 7 سال کی تھی۔ اس کو مدرسۂ صحابہ میں اپنے داخلے کے بارے میں اتنا یاد تھا کہ تنگ دستی اور بے سر و سامانی کے زمانے میں اس کے قصبے میں ایک بار ایک تبلیغی جماعت آئی تھی جس میں اس کی ماں کا ایک دور کا رشتہ دار بھی تھا جو آج مدرسے کا امیر ہے۔ اسے یاد آیا کہ نیم کے پیڑ کے نیچے اس سرخ سرخ آنکھوں والے کے سامنے اس کی ماں روئی پیٹی تھی اور رحمت کو اپنے ساتھ لے جانے کی درخواست کی تھی۔

مدرسے کی دنیا سے باہر گلی میں عبد العلی کی مسالوں کی دکان تھی جو رحمت اللہ کے بیٹھنے کا اڈہ تھا ۔ عبد العلی دو سال پہلے ہی مدرسے کی ابتدائی تعلیم سے فارغ ہوا تھا ؛ پھر اس نے مسالے کی چکی لگا کر ایک دکان کھول لی تھی اور مدرسے کے مطبخ کو مسالے فراہم کرتا تھا۔ ایک دن اپنے دل کا درد بیان کرتے ہوئے رحمت نے عبد العلی سے دکان پر بیٹھے بیٹھے کہا تھا:

"ہم تم اور مدرسے کا امیر ایک ہی نماز پڑھتے ہیں۔ ایک ہی جیسا سجدہ کرتے ہیں۔ پھر ایسا کیوں ہے کہ تم کچے آنگن کے مکان میں رہتے ہو، تمھارے روزے میں میونسپلٹی کا بابو بھی نہیں آتا اور امیر کے روزہ کے افطار میں چیف منسٹر تک آتا ہے۔ "

یہ سن کر عبد العلی ہنسا تھا اور جواب میں کہا تھا، "تمھارے امیر کو کچھ خاص دعائیں یاد ہیں، جو وہ سب کو نہیں بتاتا۔"

مدرسۂ صحابہ کی عمارت بہت بڑے رقبے میں ایستادہ تھی۔ اس وسیع و عریض عمارت کے درمیانی حصے میں ایک خوب صورت باغ سے گھری ایک مسجد تھی اور اس کی داہنی سمت عملہ میں شامل قاریوں، مولویوں اور معلموں وغیرہ کی رہائش کا انتظام تھا۔ باغ کے پچھواڑے ، اونچی دیوار وںسے ملحق طلبا کے کمرے تھے اور ایک بڑا سا ہال بھی جس میں قرأت کے مقابلے ہوا کرتے تھے۔

ایک دن مفتی غلام محمد خاں ، جن کی بڑی بڑی سرخ آنکھیں تھیں اور افغانستان میں افیم کی کھیتی کرنے والے ایک عزیز سے گہری چھنتی تھی ؛ کی جانب سے رحمت اللہ کو حکم ملا کہ وہ نماز جمعہ کے بعد اور عصر کی نماز سے پہلے ان کے دفتر میں حاضر ہو۔ اس طرح کے احکامات سے شروع شروع میں رحمت اللہ خاصہ پریشان ہو جایا کرتا تھا لیکن 13 برس گذار کر اب رحمت اللہ نے وہاں سب سے ہی ڈرنا چھوڑ دیا تھا۔ کچھ یہ بھی تھا کہ خدا نے اس کے لحن میں کچھ ایسا سوز بھر دیا تھا کہ قرأت کے بیرونی مقابلوں میں وہ مدرسۂ صحابہ کو اول انعام دلواتا تھا جسے سن کر سامعین رو دیا کرتے۔ اس کی زیر تربیت مدرسے کی جماعت کی قرأت ایمان والوں میں رونگٹے کھڑے کر دیا کرتی تھی۔

رحمت عصر کی نماز سے پہلے کمرے سے نکل کر باغ میں آیا، جس کے درمیان میں ایک پرانا برگد کا درخت تھا جس کے تنے کے چاروں طرف ایک پختہ چبوترہ تھا جس پر دوپہر چھاؤں میں رحمت لیٹ جایا کرتا تھا اور جب اسے لگتا تھا کہ برگد کے پتوں کی سرسراہٹ اس کے کان میں کچھ کہہ رہی ہے تو وہ اپنے دل کے پھپھولے برگد سے کہہ کر پھوڑا کرتا تھا۔ اس بار رحمت چبوترے پر لیٹا تو برگد خلاف معمول مایوسی کے ساتھ رحمت کے کچھ بولے بغیر مخاطب ہوا:

"آج امیر کے دفتر میں تمھاری پیشی ہے۔"

"ہاں!"

"لال لال آنکھیں دکھائے گا وہ۔"

"دکھائے۔ کیا کرے گا میرا؟"

"یاد دلائے گا کہ بچپن میں کس جہنم سے اٹھا کر تم لائے گئے تھے۔ پھر احساس دلائے گا کہ تم ایک غریب انسان ہی نہیں بلکہ بہت بڑے بیوقوف بھی ہو۔ تمھاری ایسی تیسی کر کے رکھ دے گا اور تم چپ چاپ سنتے رہو گے۔"

"نہیں ! اب میں چپ چاپ نہیں سنتا۔ میں بھی بولتا ہوں۔"

یہ سن کر برگد فکر مند ہو گیا اور پوچھا، " تو کیا تم یہ تو نہیں بولو گے کہ وضو کرنے کے حوض میں جس کم عمر لڑکے کی لاش تیرتی ملی تھی، وہ کن دو لوگوں کے درمیان آپسی رقابت کا نتیجہ تھی؟"

"نہیں۔ اب اتنا بھی بیوقوف نہیں ہوں"، جواب سن کر برگد خوش ہوا، بولا "میں ڈیڑھ سو برس کا ہو چکا ہوں۔ میرے خاندان نے بڑے بڑے مدرسے اور پاٹھ شالائیں دیکھی ہیں ۔ اچھے اور برے ہر جگہ ہوتے ہیں۔ ایسا راز کبھی کسی سے نہ اگلنا ، جس کا اس چہار دیواری سے باہر نکلنے میں تمھاری موت ہو۔"

"جانتا ہوں۔ اس عمارت میں مجھے 14 برس ہو چکے ہیں۔" برگد نے پھر کریدا۔

"وہ پہلے بھی تم سے پوچھ چکا ہے۔ ہو سکتا ہے ، پھر پوچھے کہ تم خدا کو مانتے ہو؟ تم کیا جواب دو گے۔"

"جو پہلے دے چکا ہوں۔"

"پہلے تو تم رو پڑے تھے، پھر کہا تھا کہ ہاں مانتے ہو۔ تم روئے کیوں تھے؟"

"کیوں کہ میں خدا کو مانتا تھا مگر اس خدا کو نہیں جس کو مدرسہ منوانا چاہتا ہے۔"

"تو تم مدرسے میں کیوں رہ رہے ہو؟"

"جواب میں رحمت اللہ نے واضح کر دیا کہ وہ مدرسے میں اچھے قاری پیدا کرنے کے لیے ہے، یہ بتانے کے لیے نہیں کہ اس کا خدا کیا ہے اور مدرسے کا خدا کیا؟

مدرسے کے ہر کونے میں کب کیا ہو رہا ہے، برگد خوب جانتا تھا۔ اس نے رحمت کو ٹٹولا:

"کیا تم جانتے ہو کہ امیر نے تمھیں کیوں طلب کیا ہے؟"

"وہ قصہ ہے۔۔۔اکڑم بکڑم بمبے بو والا۔"

"تم دس لڑکوں کو لے کر کس گھر میں تیجے کی قرآن خوانی میں گئے تھے؟"

"ہاں اور سپارہ ہاتھ میں تھام کر آیتوں کے بجائے اکڑم بکڑم بمبے بو ، اسی بنے پورے سو، سو میں لگا دھاگا، چور نکل کے بھاگا؛ بڑ بڑا رہا تھا میں ۔ وہاں جو بریانی کھلائی گئی تھی، اس میں سالا نمک نہیں تھا۔"

"اسی بیہودہ حرکت پر باز پرس ہو گی تو کیا جواب دو گے؟"

"کہہ دوں گا ، قرآن شریف مردوں کو بخشوانے کے لیے نہیں، عمل کے لیے ہے۔ پھر مردے بھی ایسے کالے منھ والے بخشوائے جاتے ہیں کہ شرم آتی ہے۔"

پھر درخت نے رحمت کو ایک راز کی بات بتائی، "تمھارا امیر کبھی کبھی ظہر کی نماز میرے سائے میں ادا کرتا ہے اور دعا میں ہچکیوں سے روتا ہے، اللہ سے گڑگڑاتا ہے۔"

"کیا کہتا ہے؟ تم تو سنتے ہو گے۔" رحمت نے پوچھا

"کہتا ہے؛ اے مالک دوجہاں میں نے ہمیشہ تیرے فیصلے کے آگے بندگی اور عبودیت ، تواضع اور انکساری سے سپر انداز ہونے کا اعلان کیا ہے۔ اولاد سے محروم ہوں تو تیرے حکم سے اور 14 کمروں کے مکان کا مالک ہو تو تیری رضا سے۔ مالک! اس عمارت کے 14 کمروں میں سے گیارہ مقفل ہیں جن میں کوئی نہیں رہتا۔ کسی بہانے ایک بڑھاپے کی لاٹھی عطا فرما۔ تیری خدمت پر اس لیے معمور ہوں کہ تیرے گھروں میں اذان دینے والے پیدا ہوں۔ میرے مخالفین بڑھ رہے ہیں، کیا کروں۔ تجھے چھوڑ دوں تو نہ کوئی تدبیر رہ جائے گی اور نہ طاقت۔"

امیر کے دفتر میں حاضری دینے سے پہلے رحمت اللہ کو لگا کہ شاید آر پار کی لڑائی لڑنا پڑ جائے۔ اس نے پچھلے دو سالوں میں ایک موٹر میکنک کی شاگردی میں موٹر کی مرمت کرنا سیکھ لیا تھا اور اسی کے بل بوتے اس کے استاد نے اسے ایک آدھ بار کچھ کمائی بھی کرا دی تھی لیکن مشکل یہ تھی کہ باقاعدگی سے کام کرنے کے لیے اور بھی ساز و سامان کی ضرورت تھی۔ مدرسے کی دنیا میں حالات کچھ عجیب و غریب تھے، مفتی غلام محمد فکر مند اور پریشان سا تھا۔ رات کے اندھیرے میں اس کے دروازے پر ایک بار دیسی بھی پھٹا تھا اور مدرسے کے اندر کی دنیا میں منصب اور اقتدار کی سازشیں بار بار سر اٹھا رہی تھیں۔

رحمت وقت مقررہ پر امیر کے کمرے میں داخل ہوا۔ کمرے کی دیوار کی کھلی الماریوں میں علوم نبوت کے پیچیدہ مسائل سے متعلق پچاسوں جلدیں قرینے سے چنی ہوئی تھیں۔ مفاسد شرعیہ پر ہوئی مباحث کے رسالے اور فتاوائے  تاتاریہ کی موٹی موٹی جلدیں چمچما رہی تھیں۔ چاندنی کے سفید فرش پر گاؤ تکیے سے ٹیک لگائے سرخ آنکھوں اور وجیہ شخصیت کے ساتھ کلغی دار مکلف اور براق دستارفضیلت میں مفتی غلام محمد خاں دو چار خرانٹ قسم کے معلموں کے ساتھ نیم دراز تھے اور کم رکے نیچے گرم پانی کی بوتل دبی ہوئی تھی۔ وہ جیپ سے لمبا سفر طے کر کے اسی وقت آئے تھے۔ رحمت نے سلام علیکم کی رسم ادا کی اور سر پر منڈھی ہوئی ٹوپی اور جھکی ہوئی نظروں کے ساتھ کونے میں مودب کھڑا ہو گیا۔ معلموں کے برخاست ہونے پر کچھ دیر کے لیے مفتی غلام محمد یہ طے نہ کر پائے کہ وہ سامنے کھڑے مدرسے کے سرکش کارندے سے کس طرح نپٹیں۔ کچھ دیر بعد ایک الماری کی طرف اشارہ کر کے حکم دیا۔

"پہلے خانے کی داہنی جانب سے تیسری جلد نکالو" تعمیل کی گئی۔ وہ کتاب کو الٹتے پلٹتے رہے، غالباً کچھ کہنے کے لیے جب انھوں نے وقت کما لیا تو بولے، "اطلاعیں مل رہی ہیں ، جو دین یہاں تمھیں سکھایا گیا ہے، اس پر سے تمھارا عقیدہ ہٹتا جا رہا ہے؟"

"یہ شکایت تو پرانی ہو چکی ہے''، رحمت نے زمین دیکھتے دیکھتے جواب دیا۔

"کبھی تم نے سوچا کہ اگر تم یہاں نہ ہوتے تو کہاں ہوتے؟ تمھاری ماں کو تمھیں پالنے کے لالے پڑے تھے۔"

اب رحمت نے نظریں اوپر کر کے جواب دیا، "ہم جیسے یہاں کے علاوہ اور کہیں نہیں ہوسکتے مگر میں یہاں آیا نہیں، لایا گیا ہوں۔14 برس میں اس جگہ میں نے مسلمان کم اور بیوقوف زیادہ دیکھے ہیں۔"

امیر نے جملہ سنا۔ چہرے پر ایک رنگ آیا اور گیا۔ وہ اپنے مقابل کو بھنبھوڑ کھانے میں ماہر تھا۔ رحمت کو بھی کبھی کبھی نوچ ناچ کر پھینک چکا تھا مگر امیر کا برتاؤ دیکھ کر رحمت کو اندازہ ہو گیا کہ اس کا منشا غصہ دکھانا نہیں، کچھ اور ہے۔ اس درمیان امیر ہاتھ کی کتاب کھولے یہ عبارت پڑھ کر رحمت کو سنانا چاہتا تھا۔

"ہمیں علم نبوت کے اتنے بڑے سرمائے کی علمداری کرنے والا مولوی درکار ہے جو صرف مولوی ہو۔" لیکن عبارت سنانے سے پہلے امیر کو خیال آیا کہ اس عمارت سے ہر طالب علم مولوی بن کر نہیں نکل پاتا اور طلبا کی بے راہ روی کی ذمہ داری مدرسے کا وہ ڈھیلا ڈھالا نظام اور تربیت ہے جس کی اصلاح ضروری ہے، غرا کر بولا"تمھارے اندر یہ باغیانہ تیور ہر گر نہ پنپتے ، اگر ہم اپنے تعلیمی نظام کو اتنا ہی ٹھوس اور پختہ بنا سکتے جتنا عیسائی پادریوں کا ہوا کرتا ہے۔"

لیکن اس وقت امیر کے دماغ میں ایک اور خیال بار بار کی طرح اس بار بھی اسے یاد دلا رہا تھا کہ رحمت اللہ کی شخصیت وجیہ ہے، دوسروں کو مرعوب کر لیتا ہے اور اپنی ذہانت کے سبب امیر کی دوسری ضرورتیں پوری کرنے میں کام آسکتی ہیں۔ اس لیے امیر نے طے کیا کہ یہی موقع ہے جب رحمت سے معاملے کی دو ٹوک بات کر لینا بہتر ہو گا۔ اس لیے وہ بغیر کسی تمہید کے شروع ہو گیا:

"جس جمہوری اور برہمنی نظام میں تم بعض دوستوں کے ساتھ اٹھتے بیٹھتے ہو، کوشش کرو کہ اس کے جراثیم یہاں نہ لاؤ ورنہ نہ تم یہاں رہ پاؤ گے اور نہ میں۔ جس میں تم ہو ، وہ ایک چہار دیواری اور عمارت نہیں بلکہ ایک بڑے تاریخی پس منظر کے ساتھ خود کو منوا چکا ایک طور طریقہ ہے۔ تمھاری زندگی کی فجر، عصر، مغرب اور عشا ویسی ہی ہونی چاہیے جیسی یہاں سب کی ہے۔ اس پہچان کو نہ تم بدل سکتے ہو اور نہ میں۔ ایسا کچھ نہ کرنا کہ میں تمھیں نہ بچا پاؤں۔" اتنا کہہ کر امیر اپنے دفتر سے نکل کر چلا گیا۔

رحمت اللہ کی الجھنیں بڑھتی جا رہی تھیں ۔ وہ عبد العلی کی مسالوں کی دکان پر جا کر بیٹھتا، بیڑیاں سٹکاتا، بات بے بات عبد العلی سے چڑ چڑے پن کے ساتھ جھگڑتا اور چارپائی پر دراز ہو کر کھٹملوں سے بدن نچواتا۔

ایک دوپہر وہ برگد کے سائے میں جا کر چبوترے پر لیٹا تو برگد جیسے بھرا بیٹھا تھا اور اس کا انتظار ہی کر رہا تھا،ایک پل ضائع کیے بغیر مخاطب ہوا۔

"کیا تم نے یہ بات محسوس کی کہ تمھارے اندر جو خدا پنپ رہا ہے، تمھارا امیر اس سے ٹکرانا نہیں چاہتا؟ مدرسے کی املاک کی حفاظت اور ترقی اس کی ذمہ داری بھی ہے۔ اسے سر کی ٹوپی، پیشانی کے نشان اور چہرے کی داڑھی کے علاوہ اور بھی بہت کچھ ایسا چاہیے جو ہر دور میں چاہا گیا ہے اور جس کے بغیر اس زندہ وجود کی حفاظت ممکن نہیں جو ان نشانیوں کو زیب تن کرتا ہے۔" اتنا کہہ کر برگد نے کچھ توقف کیا۔ وہ دیکھ رہا تھا کہ رحمت اللہ اس کی باتیں سن کر اندر اندر کھول رہا تھا مگر برگد نے ابھی اپنی بات ختم نہیں کی تھی۔

مدرسے کی گلی میں اس رات مسالے والے عبد العلی کی دکان دیر تک کھلی رہی۔ اس کو دکان کے سامان کا حساب کتاب کرنا تھا۔ وہ جب تک کام میں مشغول رہا ، رحمت اللہ نے تپائی پر بیٹھے بیٹھے آدھی ماچس اور چوتھائی بیڑی کا بنڈل پھونک ڈالا۔ عبد العلی کنکھیوں سے رحمت کی ذہنی کیفیت کو بھانپتا رہا، پھر کام ختم کر کے پاس آ کر بیٹھ گیا۔ تب تک گلی کی باقی دکانیں بند ہو چکی تھیں اور سناٹا پھیل چکا تھا۔ ایک بیڑی سلگا کر عبد العلی نے رحمت کو کریدا، "کیا بات ہے؟ کچھ پریشان لگ رہے ہو؟"

رحمت اللہ کچھ دیر تو چپ رہا ، پھر رو پڑا۔ وہ کئی بار کی کہی ہوئی بات کو پھر کیا دہراتا کہ برسوں ہو گئے اس کی چہار دیواری کے ساتھ موسم کبھی نہ بدلے، نہ رات بدلی، نہ دن۔ ایک سا شور اور ایک سا سناٹا۔ یہاں تک کہ کئی برسوں سے مدرسے کا ناشتہ اور کھانا بس ایک بار پکا کر رکھ لیا جاتا ہے اور مسلسل اس پھیکے سیٹھے ذائقے کو برسوں کھلایا جاتا ہے۔

عبد العلی جس نے دوسال پہلے مدرسہ چھوڑا تھا۔ اس نے رحمت کو صلاح دی کہ وہ اپنے قصبے میں لوٹ جائے اور کسی مسجد میں ٹھکانا ڈھونڈے لیکن وہاں کی زندگی کے تصور سے ہی رحمت کانپ جاتا تھا۔ تب عبد العلی نے دوسری بیڑی جلائی اور سوال کیا، "سنا ہے بعض جہادی تنظیموں کے کارکن کام کے لڑکوں کی تلاش میں نکلتے رہتے ہیں ۔ کہو تو ان کا پتا لگاؤں، جاؤ گے؟"

"شہادت میں مجھے دلچسپی نہیں، زندگی ایک بار ملی ہے، اسے بھر پور جینا چاہتا ہوں۔"

یہ سن کر عبد العلی نے اسے موٹر گیراج کھولنے کا مشورہ دیا۔ رحمت نے بتایا کہ جب تک تین چار گاڑیوں کی مرمت کی تربیت نہ ہو، گیراج نہیں چلتا۔ پھر اسے کھولنے کے لیے کم سے کم تین لاکھ کے سرمائے کی ضرورت ہو گی اور کیوں کہ ہم مسلمان ہیں، اس لیے ہمارے جنت کی آسائشیں خریدنے کے وسائل تو ہیں ، دنیا کی آسائشوں کے لیے نہیں۔ یہ سن کر عبد العلی نے راز داری کے ساتھ پوچھا، "شہید نہیں ہونا چاہتے تو شہادت کا کام کرنے والوں کو پیسہ پہنچانے میں مدد تو کرسکتے ہو؟"

"کیسے؟" رحمت نے سوال کیا۔

"برہمنی نظام کے بنائے قانون کی خلاف ورزی کر کے اکٹھا کیے سرمائے کو خدا کے خدمت گاروں تک پہنچانا اور اس لوٹ کے کمیشن سے آرام کی زندگی بسر کرنا۔۔۔بڑا ہاتھ مارنے پر اتنا تو مل جائے گا کہ اپنا گیراج کھول لو، جو کام مدرسے اور اوقاف کی آمدنی ہماری سرمایہ کاری کے لیے نہیں کرسکتی، اس کی سبیل ان راستوں سے نکل سکتی ہے۔"

رحمت نے تجویز یہ کہہ کر ٹھکرا دی کہ اس میں ڈاکہ ڈالنے کی ہمت نہیں۔ اسی بیچ عبد العلی کو ایک اور تدبیر یاد آئی، بولا"اب تو کئی نئے کام نکل آئے ہیں۔ بستیوں میں ہونے والے فساد، لوٹ مار، آتش زنی اور مظالم پر بنائی گئی ویڈیو فلموں کی ملک مخالف پروپیگنڈے کے واسطے باہر اچھی مانگ ہے۔ پیسے اچھے مل جاتے ہیں اور تمھیں فوٹوگرافی کا کچھ شوق بھی ہے۔"

رحمت اللہ نے بات سنی اور منھ دوسری طرف موڑ لیا۔ عبد العلی منھ ہی منھ میں خود کلامی کرتا رہا، "بم بنانا بھی ایک انڈسٹری ہے۔ گھریلو بموں کی اچھی مانگ ہے۔ بم بنانے کے ہندو مستری مسلمانوں کے لیے بھی بم بناتے ہیں۔ جب سے بموں کی ساخت کی مدد سے پولیس تنظیموں تک پہنچنے لگی ہے، ان کے بنانے میں بھی تکڑم ہونے لگی ہے۔" رحمت کچھ بولے بغیر برا سا منھ بنائے دکان سے اٹھنے لگا تو عبد العلی نے اسے دلاسہ دیا:

"تم تو مجھے سے بہتر ہو، میرے پاس تو عقل کی کمی بچپن سے رہی ہے، اسی لیے مسالے بیچ رہا ہوں ۔ پھر یہ بات تو طے ہے کہ امیر تمھارے لیے اس طرح نہیں سوچتا جیسا دوسروں کے لیے سوچتا ہے۔"

"لیکن میں مولوی نہیں بننا چاہتا۔"

عبد العلی نے ان سنی کرتے ہوئے سمجھایا، "لاکھوں لوگ وہ پیشے اپنائے ہوئے ہیں جن کو وہ دل سے پسند نہیں کرتے۔ یا تو سیدھے سادھے مسلمان ہو کر میری طرح مسالے بیچو یا پھر ڈھنگ کے مسلمان ہو جاؤ۔ ڈھنگ کا مسلمان روزہ رکھتا ہے تو افطار میں چیف منسٹر روزہ کھولنے آتا ہے اور مسالے بیچنے والا افطار کراتا ہے تو میونسپلٹی کا بابو بھی نہیں آتا۔"

عبد العلی دکان بند کرنے لگا تو رحمت تھکے قدموں سے اپنے کمرے میں داخل ہوا اور روشنی کیے بغیر کھٹملوں بھری چارپائی پر ڈھیر ہو گیا۔

صبح ہوئی تو رحمت کے پاس امیر کے دفتر میں حاضر ہونے کا فرمان آ گیا۔ کمرے میں پہنچ کر رحمت کو یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ مفتی غلام محمد نے اس سے لفظ بہ لفظ وہی باتیں کیں جو برگد رحمت کو بتا چکا تھا۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ کچھ اور باتیں بھی ہوئی تھیں۔ رحمت کو احساس دلایا گیا کہ جو حلوے مانڈے وہ مدرسے میں رہ کر کھا رہا ہے، وہ بہتوں کو میسر نہیں اور وہ مفت کی بریانی کھا کر کہتا ہے کہ اس میں نمک نہ تھا۔" پھر امیر چیخا تھا، "ہم اپنی زندگی کو پیٹ پر پتھر باندھنے والوں کی زندگی کی روشنی میں درست کرنا چاہتے ہیں، قال اللہ و قاالرسول کے وارث ہیں۔" پھر کچھ سوچ کر اس نے اپنے غصے پر قابو پایا اور عاجزی سے ایک نئے لہجے اور نئی آواز میں بولا:

"تم اگر میرے خدا کے دوست نہیں بن پا رہے ہو تو کم از کم فی الحال میرے ہی دوست بن جاؤ۔ کیوں کہ مجھے اپنے خدا کا دوست بنے رہنے کے لیے کچھ ضروری امداد درکار ہے۔ خیر، مدینہ منورہ سے کچھ تسبیحیں آئی ہیں، شام کو گھر جا کر اپنی ممی جی سے وہ پیکٹ مانگ لانا۔ وہ تمھیں پوچھ بھی رہی تھیں۔"

دوپہر کے ویران سناٹے میں رحمت اللہ سوچتا رہا کہ رنج اور پریشانی کے تدارک کے لیے جو دعائیں اس نے یاد کی تھیں، وہ بھلا کیا کام کریں گی جب رنج و پریشانی سے انسان کو مفر ہی نہیں۔ رحمت باغ میں آیا، برگد کے پاس کنویں کی منڈیر پر پانی نکالنے کی رسی دیکھ کر جی میں آیا کہ شاخ میں اسے باندھ کر لٹک جائے۔ اس کا یہ ارادہ بھانپ کر برگد نے اسے آواز دی:

"پھر مرنے کی سوچ رہے ہو؟ معلوم نہیں کہ قسمتیں پلٹتی بھی ہیں؟"

"معلوم ہے لیکن میرے اور مدرسے کے درمیان لمبی کھائی ہے۔"

"کیسی کھائی؟"

"کھائی یہ کہ مخلوق کس چیز کو اچھا سمجھتی ہے اور کس کو برا، یہ خیال رکھا جائے یا یہ کہ شرع کے نزدیک کون سی چیز اچھی اور کون سی بری ہے؟ ایسے موقعوں پر مدرسہ شرع کے ساتھ ہو جاتا ہے اور میں مخلوق کے ساتھ۔ امیر میری پریشانی نہیں جانتا۔"

"جانتا ہے،" برگد فوراً بولا، "تمھارے جیسے کئی لونڈوں کو وہ چرا کر پھینک چکا ہے۔ اب ذرا عقل کے ناخن لو۔ تم تسبیحوں کا پیکٹ لینے شام کو اس کے گھر جاؤ گے۔ امیر کی بیوی جسے تم ممی جی کہتے ہو، جس کی ناک میں فیروزہ کی کیل ہے اور سر کے بال دوپٹے سے ڈھکے رہتے ہیں ، جس کا وضو کبھی نہیں ٹوٹتا۔ وہ محبت سے تمھیں چاندنی بچھے تخت پر اپنے پاس بٹھائے گی، روح افزا کے گلاس سے تمھاری خاطر کرے گی۔ یاد دلائے گی کہ اس کا شوہر جسے وہ "میاں جی"کہتی ہے اور جو تمھارا میر ہے ، تم کو بہت چاہتا ہے۔ اسی وقت ممی جی کے برابر والے کمرے سے ایک دبلی پتلی خوب صورت آنکھوں اور چاندنی جیسے رنگ کی گھنے لمبے بالوں والی لڑکی سر پر دوپٹہ برابر کرتے ہوئے نیچی نظروں کے ساتھ کمرے کے باہر آئے گی۔ شبانہ کہہ کر وہ اسے پکارے گی۔ لڑکی رک جائے گی تو وہ تم سے اس کا تعارف کراتے ہوئے بتائے گی کہ وہ اس کی بہن کی بیٹی ہے جس کا نہ باپ زندہ ہے اور نہ ماں۔ وہ شبانہ کی قرأت درست کرنے کے لیے تمھیں معمور کرے گی۔ روزانہ فجر کی نماز کے بعد ایک چاند سے چہرے والی جھکی جھکی نظروں والی ایک بھولی بھالی لڑکی تمھارے سامنے ہو گی۔ کچھ دنوں بعد تمھیں ہر وہ صبح بے لطف، اداس اور کھوئی کھوئی سی لگے گی جس صبح تم شبانہ کو نہیں دیکھ پاؤ گے۔ تم اس کو خط لکھو گے تو وہ جواب نہیں دے گی۔ پھر لکھو گے تو وہ تم سے کہے گی کہ سارے مرد ایک ہی وقت میں بہت سی چیزوں کے طالب ہوتے ہیں لیکن عورت صرف اور صرف اسی کی طالب ہوتی ہے جسے وہ پیار کرتی ہے۔ وہ بتائے گی کہ اس کا باپ جو کچھ پانا چاہتا تھا ، جب وہ نہیں پاتا اور اس کی ماں کے بستر پر ہفتوں نہیں آتا تھا اور صبر و قرار کھو کر گالیاں بکنے لگتا تھا تو اس غریب ماں اندھی اور دیوانی ہو کر ایسے پیار کی تلاش میں بلک بلک کر روتی تھی جو اس کے باپ کو آسودگی اور سکون کی گود میں تھپک کر سلادے۔ تم یہ جاننے کے لیے بے قرار رہو گے کہ شبانہ بھی تم سے پیار کرتی ہے یا نہیں؟ کیا تم اس کو بھی پسند ہو یا نہیں؟ جب تم اس سے مدرسے سے اپنی بغاوت کا ذکر کرو گے تو وہ تم سے اس طرح روٹھ جائے گی جیسے تم نے کوئی بڑا جرم کیا ہو۔ پھر تم اس کو مناؤ گے تو وہ بڑی ہوشیاری سے مگر بڑے صبر کے ساتھ تمھیں اتنا نرم کر دے گی کہ تم بہ رضا و رغبت خود کو اسے سونپ دو اور یہ سب کچھ اتنے غیر محسوس طریقے سے ہو گا کہ تمھیں پتہ بھی نہیں چلے گا ۔ پھر وہ تمھارا سر اپنے زانوؤں پر رکھ کر تمھیں پیار سے یاد دلائے گی کہ تم کس قدر کمتری اور حقیر ہو اور ایسی نا طاقتی کی حالت میں تسلیم و رضا ہی بیڑا پار لگا تی ہے۔ پھر ایک دن شبانہ کی محبت جب تمھیں پل پل تڑپانے لگے گی اور اسے تم سے روپوش کر دیا جائے گا ، تب تم امیر کے دروازے پر ٹکریں مارو گے اور مفتی غلام محمد کی بیوی باہری دروازے کے پٹ پکڑ کر دھیرے سے تم سے پوچھے گی، "تمھیں نہیں لگتا کہ تم اپنے امیر کے، جو اپنے مخالفوں میں گھرا ہوا ہے، مقروض ہو اور اس قرض کے لیے تم نے کچھ گروی رکھا تھا۔ یاد کرو کیا رکھا تھا؟" پھر ہر طرف سے تمھارے کانوں میں آواز آئے گی:


وقت کی تیز آندھی پرانے درختوں کو اکھاڑ کر پھینک چکی ہے۔ اب نہ مفتی غلام محمد خاں زندہ ہیں اور نہ ہی ناک میں فیروزہ پہننے والی ان کی پاک دامن بیوی۔ البتہ مدرسۂ صحابہ کی عمارت، کشادہ باغ اور پرانا برگد اب بھی موجود ہیں۔ مفتی غلام محمد خاں کی کوٹھی کے گیارہ کمروں میں اب مفتی رحمت اللہ اور امیر مدرسۂ صحابہ اپنی اولادوں کے ساتھ قابض ہیں۔ مفتی غلام محمد کی بیوی کی فیروزے کی کیل اب مفتی رحمت اللہ امیر مدرسہ کی زوجہ کی ناک میں ہے۔ مفتی رحمت اللہ کے مدرسے کے بعض حرص و ہوس کے پتلے معلم جن کی خفیہ فہرست رحمت اللہ کے پاس ہے، انھیں میں سے کوئی معلم رحمت اللہ سے سوال کرتا ہے:

"مخلوق کس چیز کو اچھا سمجھتی ہے اور کس کو برا، یہ خیال رکھا جائے یا یہ کہ شرع کے نزدیک کون سی چیز اچھی ہے اور کون سی بری؟"

مدرسہ کے باغ میں برگد کے پتے اب بھی ہواؤں سے ویسے ہی سرسراتے ہیں اور اس کی گھنی چھاؤں رحمت اللہ کو پکے چبوترے پر مصلا بچھا کر کبھی کبھی اپنے خدا سے گریہ و زاری کے ساتھ یہ کہتے ہوئے سنتی ہے،"اے مالک دوجہاں! ترے احسانات کا یہ بندہ منکر نہیں، بڑھاپے کی دہلیز پر کھڑا تیرا یہ کمزور بندہ عاجزی اور فروتنی سے اپنے دل کے خوف اور وسوسے تجھ سے بیان کر رہا ہے۔ تو دیکھ رہا ہے کہ میرے مخالف اور دشمن بڑھتے جا رہے ہیں، اب جاؤں تو کہاں جاؤں؟ تجھے چھوڑ دینے میں نہ کوئی تدبیر رہ جائے گی اور نہ طاقت۔"

مفتی کی کوٹھی کے ایک کمرے میں پاکباز خاتون ناک میں فیروزے کی کیل پہلے مدرسے کے کسی بھروسے مند شاگرد کو بلا کر پوچھتی رہتی ہے، " کیا تم میاں جی کے مقروض نہیں ہو؟ سوچنا ،تم نے اس قرض کے لیے کیا گروی رکھا تھا؟"
٭٭٭

ماخذ:

http://esbaatpublications.com/esbaatmag/2011/11/tasleem-o-raza
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
