﻿

 
تعارف اسلام نصاب



چاروں حصے


الاخلاص فاؤنڈیشن
احمد آباد





تعارف اسلام

’’اسلام‘‘ عربی زبان کا لفظ ہے، جو سلم سے بنا ہے جس کا معنی امن و امان  ہے، اور اسلام کا  مطلب اپنے آپ کو سپرد کر دینا(Submission) ہے، اور اصطلاح میں اسلام کہتے ہیں اللہ کے حکم کے آگے سر جھکا دینے کو۔ یعنی اللہ تعالیٰ کے احکام پر عمل کرنے میں امن و امان حاصل ہوتا ہے۔ 
اسلام کسی ایسے دین کا نام نہیں ہے جسے پہلی مرتبہ حضرت محمد ﷺ نے پیش کیا ہو، قرآن کے مطابق خدا کی طرف سے انسانوں کی ہدایت کے لیے ہمیشہ ایک ہی دین بھیجا گیا ہے اور وہ ہے اسلام۔ یعنی اللہ کے سامنے سر جھکا دینا۔ دنیا کے مختلف حصوں اور مختلف قوموں میں جو نبی اللہ کی طرف سے بھیجے ہوئے آئے تھے وہ کسی الگ دین کے داعی (Inviter)نہیں تھے کہ ان میں سے کسی کے لائے ہوئے دین کو نوحیت یا ابراہیمیت یا موسویت کہا جا سکے بلکہ ہر آنے والا نبی اسی دین کو پیش کرتا رہا جو ان انبیاء نے پیش کیا۔ 
اسلام ایک مکمل دین ہے، جو خدا کی بادشاہت کی بنیاد پر ایک مکمل نظام زندگی(complete system of life) پیش کرتا ہے۔ اور انسانوں سے چاہتا ہے کہ وہ اس کو قبول (accept)کریں اور اس پر مکمل طور سے عمل(follow )کریں کیوں کہ خدا کے قانون کے آگے جھکنے اور اس پر عمل obeyکرنے کا نام ہی اسلام ہے۔ 
دین اسلام کی تعلیمات نہایت سادہ ہمہ گیر اور جامع ہیں۔ اسلام عقائد سے لے کر عمل تک، انفرادی اور اجتماعی زندگی کے لیے ہر طرح سے ہدایات دیتا ہے اس دنیا میں سیاسی (Political)، معاشرتی(Social)، تمدنی(Cultural) اور اقتصادی) (Economicalزندگی کو بھی اتنی ہی اہمیت حاصل ہے۔ جتنی اخلاقی نظام اور عبادات کی ہے۔ اسلام نے انسانی زندگی کے بنیادی اصول متعین(Fixed) کر دیئے ہیں۔ ان اصولوں کی روشنی میں ہر زمانے اور حالات کے تحت  قوانین مدون (Compile)کیے جا سکتے ہیں۔ 
مذہب اسلام کی رو سے ہر وہ شخص جو سچے دل سے اللہ تعالیٰ پر ایمان رکھتے ہوئے قرآن اور سنّت کے مطابق تمام بنیادی چیزوں پر ایمان رکھتا ہے اور ارکان اسلام کو باقاعدہ ادا (regularly follow)  کرتا ہے۔ وہ مسلمان ہے، دائرۂ اسلام (Islamic circle)میں داخل ہے اور اب یہی اسکی پہچان اور فخر ہے۔ مذہب اسلام کی رو سے کسی انسان کو کسی انسان پر کوئی برتری حاصل نہیں سب برابر ہیں سوائے اس کے جو اللہ سے زیادہ ڈرتا ہے اور اس کے احکامات(Commandments)  پر زیادہ عمل followکرتا ہے۔ 
مکمل ضابطۂ حیات (Complete constitution of life)کی صورت میں اسلام کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ ایک مکمل الہامی دین(Divine religion) ہے۔ جب کہ دوسرے تمام مذہب کی الہامی تعلیمات (Divine teachings)مسخ (Distort)کر دی گئی ہیں اور ان میں سے کوئی ایک بھی اپنی صحیح حالت (Position)  میں موجود نہیں، اسلام کی دوسری سب سے بڑی خصوصیت اس کا منظم ضابطہ (systematic law)  ہے۔ انسان کی زندگی کا کوئی گوشہ اس کی ہدایت (instruction)سے محروم نہیں رہا، کیوں کہ اسلام ان معنوں میں مذہب نہیں کہ صرف عبادت و ریاضت پر زور دیا جائے اور یہ انسان کا شخصی(Personal matter)ہو کر رہ جائے۔ تیسری بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں ایمان اپنی اصلی صورت میں موجود ہے۔ یہ ایمان ا للہ تعالیٰ پر، اس کے رسولوں پر، اس کے فرشتوں پر، اس کی بھیجی ہوئی کتابوں پر، اور مرنے کے بعد دوبارہ زندہ ہونے پر، تقدیر کے اچھے اور برے ہونے پر ہے۔ اس دین کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ ا س نے دین اور دنیا کو ایک کر دیا، اور دنیا کو چھوڑ کر صرف دین داری میں لگ جانا، عبادت کرنا اور تلاش خداوندی میں لگ جانے کو رد کر دیا۔ اسی لیے اللہ کے رسولﷺ نے فرمایا اسلام میں ترک دنیا کا کوئی مقام نہیں، نیز دنیا سے اپنا حصہ لینا مت چھوڑو، ایک اور خصوصیت جس سے اسلام کی امتیازی شان ابھر کر سامنے آتی ہے یہ ہے کہ اس نے انفرادیت اور اجتماعیت کے درمیان بڑا توازن قائم کر رکھا ہے۔ یہ ہر انسان کو الگ الگ ذمہ دار ٹھہرا کر 
                                                                                                                               خدا کے سامنے جواب دہ بناتا ہے۔ دوسری طرف یہ فرد میں اجتماعی ذمہ داری کا احساس پیدا کرتا ہے، مسلمانوں کو ایک قوم قرار دیتا ہے اور انھیں حکم دیتا ہے کہ وہ معاشرے کی بھلائی کے لیے کام کریں، مال دار زکوٰۃ دیں، غریبوں مسکینوں کو کھانا کھلائیں اور وقت پڑنے پر وطن کi حفاظت کے لیے جان کی قربانی تک پیش کر دیں۔ 
 مسلمان صرف ایک اللہ وحدہٗ لاشریک کی عبادت کرتا ہے اور وہ اپنے رب پر بھروسہ کرتا ہے جواس کا پیدا کرنے والا اور مالک ہے وہ اسی سے مدد مانگتا ہے اور مصیبت میں اسی کو پکارتا ہے۔ ، اس کا اس پر ایمان ہے کہ اللہ تعالی ہر چیز پر قادر ہے۔ 
مسلمان جانتا ہے کہ اس کا رب بڑا حکمت والا ہے وہ تمام ڈھکی چھپی باتیں جانتا ہے ہے تو بندہ اس کے اختیار پر بھروسہ کرتا اور اپنے بارے میں اس کی تقدیر پر ایمان رکھتا ہے، اور اس کا اس پر ایمان ہے کہ اس کا رب کسی پر ذرہ برابر بھی ظلم نہیں کرتا، اللہ تعالی نے اس کے بارے جو بھی فیصلہ کیا اس میں ہی بہتری ہے اگرچہ اس کی حکمت (reason/ philosophy)کے بارے میں بندہ نہیں جانتا۔ 
اسلام جیسا کہ ایک فطری مذہب  (natural religion)ہے، اس لیے اس کے تمام قوانین (Constitution)فطرت (Nature)سے مطابقتMatch) )رکھتے ہیں، اس کے تمام احکامات(Commandments)انسانوں کی بھلائی اور کامیابی کے لیے بنائے  گئے ہیں۔ 
نماز بندہ  اور اس کے رب کے درمیان ایک رابطہ  (Connection) ہے جب مسلمان نماز میں خشوع و خضوع اختیار کرتا ہے تو اسے سکون و اطمینان اور راحت(relaxes)کا احساس ہوتا ہے اس لیے کہ اس نے ایک طاقت و قوت والے اللہ تعالی کے سامنے سر جھکایا   اور اس کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ 
زکوٰۃ کی طرف دیکھتے ہیں تو وہ نفسی بخل اور کنجوسی سے دور کرتی ہے جو غریبوں مسکینوں اور محتاجوں کی مدد و سہایتا کی عادی بناتی ہے، اور اس کا اجرو ثواب بھی دوسری عبادات کی طرح خوب ہے۔ 
یہ زکوٰۃ مسلمان پر دوسرے بشری ٹیکسوں کی طرح کوئی بوجھ و مشقت اور ظلم نہیں، بلکہ ہر ایک ہزار میں صرف پچیس(2.5%) ہیں جو کہ سچا اور صدق اسلام رکھنے والا مسلمان خوشی سے ادا کرتا ہے اور اس کی ادائیگی سے نہ تو گھبراتا اور نہ ہی بھاگتا ہے یہاں تک کہ اگر اس کے پاس لینے والا کوئی بھی نہ جائے تو وہ  پھر بھی اسے ادا کرتا ہے۔ 
اور روزے میں مسلمان اللہ تعالی کی عبادت کے لیے ایک مقررہ مدت (Fixed time)کے لیے کھانے پینے اور جماع (sex)سے رک جاتا ہے، جس سے اس کے اندر بھوکے اور کھانے سے محروم لوگوں کی ضرورت کے متعلق بھی جان کاری پیدا ہوتی ہے اور وہ انسانوں کو بہت سی بیماریوں سے بھی دور رکھتا ہے اور ضبط نفس (Taming of lower self) کا عادی بناتا ہے۔ 
اور اس بیت اللہ کا حج جسے ابراہیم علیہ السلام نے بنایا جس میں اللہ تعالی کے احکامات کی پابندی اور دعا کی قبولیت اور دنیا کے کونے کونے سے آئے ہوئے مسلمانوں سے تعارف (Introduction)ہوتا ہے یہ بھی ایک عبادت اور رکن اسلام ہے۔ 
3 - بلاشبہ (No doubt)اسلام نے ہر اچھی اور بھلی بات کا حکم دیا اور ہر برائی اور فساد سے روکا ہے۔ 
اسلام نے اچھے آداب اور اخلاق حسنہ کا حکم دیا ہے جیسے : سچ بولنا، ، سختی سے بچنا، نرمی اپنانا، عاجزی و انکساری (Humbleness)، شرم و حیاء، وعدوں کو پورا کرنا، عزت کے ساتھ رہنا، بہادری،  پیار و محبت،  انصاف، رحم کرنا، ہمیشہ خوش رہنا، جتنا کچھ ملے اس پر راضی رہنا، گناہ اور گندے کاموں سے بچنا، نیکی کرنا، معاف کرنا، ایمان داری، نیکی کا شکریہ ادا کرنا، اور غصہ کوپی جانا، ہمت سے کام لینا، برداشت کرنا، چھوٹوں پر رحم کرنا، بڑوں کی عزت کرنا۔ 
اسلام یہ حکم دیتا ہے کہ، ماں باپ سے اچھا سلوک کیا جائے اور رشتہ داروں سے صلہ رحمی کی جائے، بے سہارا کی مدد کی جائے اور پڑوسی سے احسان کیا جائے، یہ بھی حکم دیتا ہے کہ یتیم اور اس کے مال کی حفاظت کی جائے اور چھوٹے بچوں پر رحم اور بڑوں کی عزت و احترام کیا جائے۔ 
نوکروں، عورتوں، اور جانوروں سے نرمی کے ساتھ پیش آیا جائے، راستے سے تکلیف والی چیزوں کو ہٹایا جائے، اور لوگوں سے اچھی بات کی جائے اور طاقت ہونے کے باوجود ان کو معاف کر دیا جائے۔ 
مسلمان بھائی سے اچھی اور فائدے مند بات کی جائے، اور مسلمانوں کی ضرورتوں کو پورا کیا جائے، اور غریب قرض دار کو مہلت دی جائے، ایک دوسرے پر قربانی دی جائے، اور غم خواری اور تعزیت کی جائے، لوگوں سے ہنستے ہوئے چہرے کے ساتھ ملا جائے۔ 
اور یہ بھی حکم ہے  مریض کی عیادت و بیمار پرسی کی جائے، اور مظلوم کی مدد کرنی ضروری ہے، اپنے دوستوں اور ساتھیوں کو تحفے اور ہدیے (Gifts and presentation)دیے جائیں، مہمان کی عزت و احترام اور مہان نوازی کی جائے۔ 
میاں بیوی آپس میں اچھے طریقے سے زندگی گزاریں، اور شوہر اپنے بیوی بچوں پر خرچ کرے ان کی ضرورتوں کو پوری کرے، سلام خوب عام کریں، اور گھروں میں داخل ہونے سے پہلے اجازت مانگیں  تا کہ گھر والوں کی بے پردگی نہ ہو۔ 
اور اگر ہم اسلام کی منع کی ہوئی چیزوں کی طرف آئیں تو ہمیں پتہ چلتا ہے کہ ان میں سوسائٹی اور لوگوں کی ہر معاملہ میں بھلائی  ہے اور بندے اور اس کے رب اور انسانوں کے آپس میں تعلقات کی مضبوطی و حمایت ہوتی ہے، نیچے  ہم اسی کی چند ایک مثالیں بیان کرتے ہیں تا کہ اس کی مزید وضاحت ہو سکے : 
اسلام نے اللہ تعالی کے ساتھ شرک اور اللہ کے علاوہ کسی اور کی عبادت کرنے سے منع کیا ہے، اس لیے کہ غیر اللہ کی عبادت بد قسمتی کی وجہ سے ہے، اور اسی طرح اسلام نے نجومیوں اور کاہنوں کے پاس جانے اور ان کی باتوں کی تصدیق کرنے سے بھی منع کیا ہے۔ 
اور اسلام میں جادو کرنا بھی حرام ہے جس سے دو آدمیوں کے درمیان یا تو جدائی ڈالی جاتی اور یا پھر ان میں محبت ڈالنے کی کوشش کی جاتی ہے، اسلام اس سے بھی منع کرتا ہے کہ ستاروں اور برجوں کے بارہ میں یہ عقیدہ رکھا جائے کہ یہ انسان کی زندگی پر اثرانداز ہوتے ہیں اور اسی کی بنا پر مختلف حادثے ہوتے ہیں۔ 
اسلام اعمال کو تباہ برباد کرنے سے بھی روکتا ہے، جس طرح کہ اعمال کرتے وقت ریا کاری اور دکھلاوے کے لیے اور احسان جتلاتے ہوئے کا کرنا۔ 
اسی طرح اسلام آپس میں ایک دوسرے کو گالی گلوچ کرنے، ایک دوسرے پر آواز کسنے اور چیخنے چلانے سے بھی منع کرتا ہے۔ 
اسلام میں یہ بھی منع ہے کہ راستوں میں گندگی پھیلائی جائے اور پڑوسیوں کو تکلیف دی جائے۔ 
اسلام یہ بھی کہتا ہے کہ جب سخت بھوک لگی ہو اور کھانا بھی لگ چکا ہو تو نماز نہ پڑھی جائے بلکہ پہلے کھانا کھا یا جائے، اور اسی طرح پیشاب اور پاخانہ آیا ہوا ہو تو نماز پڑھنی منع ہے اس لیے کہ یہ سب کچھ نمازی کو نماز پڑھنے میں خلل (Disturb) کرے گا۔ 
یہ منع ہے کہ نماز میں آواز اونچی کر کے دوسرے سوئے ہوئے لوگوں کو تکلیف دی جائے۔ اور اپنے آپ کو نیند اور اونگھ آ رہی ہو تو  تہجد کی نماز پڑھنا منع ہے بلکہ سونا بہتر ہے اور سو جائے اور پھر اٹھ کر نماز ادا کر لے، اور ساری رات قیام کرنے سے بھی منع کیا گیا ہے۔ 
اسی طرح اسلام یہ بھی منع کرتا ہے کہ مسجد میں خرید و فروخت کی جائے اور کسی گمشدہ چیز کا اعلان کیا جائے، اس لیے کہ یہ اللہ تعالی کی عبادت اور اس کے ذکر کی جگہ ہے، جس میں دنیاوی چیزیں کرنی لائق اور صحیح نہیں۔ 
اسلام نے یہ بھی منع کیا ہے کہ ایک دن کے ساتھ دوسرے دن کو روزہ رکھنے میں بغیر کھائے پیئے اور افطاری کیے ملا لیا جائے، اور یہ بھی منع ہے کہ بیوی شوہر کی موجودگی میں اس کی اجازت کے بغیر نفلی روزہ رکھے۔ 
اسلام میں کسی کے مرنے پر خوب رونا، چیخنا چلانا، اور کپڑے پھاڑنا، اور کسی میت کے مرثیے پڑھنا بھی منع ہے۔ 
اسلام نے یہ منع کیا ہے کہ سود خوری کی جائے، اور تمام ایسی خرید و فروخت جس میں دھوکہ فراڈ اور جہالت ہو منع ہیں، خون، شراب، اور خنزیر کی خرید و فروخت اور بت فروشی منع ہے۔ 
اور ہر وہ چیز جسے اللہ تعالی نے حرام قرار دیا ہے اس کی کمائی ‏ اور خرید و فروخت منع ہے۔ 
اور اللہ تعالیٰ کی حلال کی ہوئی چیزوں کو اپنے اوپر حرام کر لینا (منت، نذر اور قسم کی صورت میں ) بھی منع ہے۔ 
اسلام میں جوا کھیلنا اور لوگوں کا مال و دولت چھین لینا، رشوت لینا، اور باطل طریقے سے لوگوں کا مال کھانا منع قرار دیا ہے، اور اسی طرح لوگوں کا مال ضائع کرنا بھی ناجائز ہے۔ 
لوگوں کو ان کی چیزوں میں کمی کرنا بھی منع ہے اور گری پڑی چیز چھپانا بھی منع ہے اور اسے اٹھانا بھی منع ہے لیکن وہ شخص جواس کا اعلان کرنا چاہے وہ اٹھا سکتا ہے، ہر قسم کا دھوکہ فراڈ کرنا منع ہے۔ 
قرض ادا نہ کرنے کی نیت سے قرض لینا جائز نہیں، اور کسی مسلمان کے لیے اپنے کسی مسلمان بھائی کی کوئی بھی چیز اس کی اجازت اور رضا مندی کے بغیر لینی جائز نہیں، اور اسی طرح سفارش کرنے کے لیے ہدیہ قبول کرنا بھی جائز نہیں ہے۔ 
شادی نہ کرنا اور دنیا سے بالکل کٹ جانا جائز نہیں ۔ 
اسلام ماں اور اس کے بچے کے درمیان جدائی کرنے سے منع کرتا ہے، اسلام بے غیرتی سے منع کرتا ہے، اور اجنبی عورت کی جانب اچانک نظر کے علاوہ دیکھتے ہی رہے سے منع کرتا اور اسی طرح بار بار دیکھنے سے بھی منع کرتا ہے۔ 
اسلام میں مردہ جانور کھانے سے منع کیا گیا ہے، اسی طرح وہ جانور جو گندگی اور نجاست کھاتے ہیں اور ان کا دودھ پینا بھی جائز نہیں۔ 
لباس میں اسراف و فضول خرچی سے منع کیا گیا ہے اور مرد کے لیے سونا پہننا حرام ہے، اسلام نے ننگے ہو کر چلنے سے منع کیا ہے اور اسی طرح ران(Thigh)ننگی کرنے سے بھی منع کیا ہے۔ 
اسلام میں جھوٹی گواہی دینا جائز نہیں، اور پاکباز عورتوں پر بہتان لگانا منع ہے، اور اسی طرح بے گناہ لوگوں پر غلط قسم کے بہتان اور تہمت لگانا بھی اسلام میں جائز نہیں۔ 
اسلام میں چغل خوری اور عیب جوئی اور برے ناموں سے پکارنا حرام ہے، اور اسی طرح غیبت اور دوسرے مسلمانوں کا مذاق اڑانا، اور ذات پات پر فخر کرنا جائز نہیں، اور اسی طرح کسی کے نسب کو برا کہنا صحیح نہیں۔ 
اور اسی طرح اسلام نے سب و شتم اور گالی گلوچ اور گندی، بے ہودہ باتیں اور بدزبانی کرنی اور ڈینگیں مارنی ممنوع قرار دی ہیں، اور اسی طرح برائی کا چرچا نہیں کرنا چاہیے مگر مظلوم اسے لوگوں کے سامنے بیان کر سکتا ہے۔ 
جھوٹ بولنے سے روکا گیا ہے اور سب سے بڑا جھوٹ نیند کے بارہ میں ہے مثلاً اپنی طرف سے ہی خواب بنا بنا کر بیان کیے جائیں تا کہ اس سے فضیلت حاصل ہو اور یا پھر مالی فائدہ حاصل کیا جا سکے، یا پھر اپنے دشمن کو ڈرانے دھمکانے کے لیے۔ 
اور خود اپنے آپ کی تعریف کرنے سے بھی منع کیا گیا ہے، اور سرگوشیSpying)) کرنا بھی منع ہے وہ اس طرح کہ تین آدمیوں میں سے دو آپس میں سرگوشیاں نہ کریں اس لیے کہ تیسرا اس سے غمگین ہو گا، اور اسی طرح مومن اور مسلمان آدمی اور جو لعنت کا مستحق نہیں اس پر لعنت کرنے سے بھی منع کیا گیا ہے۔ 
مردہ لوگوں  کوبرا کہنے اور ان پر سب و شتم کرنے سے منع کیا گیا ہے، اور اسی طرح موت کی دعا کرنا یا کسی تکلیف کی بنا پر موت کی تمنا کرنا بھی منع ہے، اسی طرح اپنے لیے اور اولاد اور خادم اور مال کے لیے بھی بددعا کرنی جائز نہیں ہے۔ 
کسی کو ناحق قتل کرنا حرام ہے، اور اسلام نے غریبی اور فقیری کی وجہ سے اولاد کو قتل کرنا بھی حرام قرار دیا ہے، اور خودکشی بھی حرام ہے، اسلام زناکاری اور لونڈے بازی ، اور شراب نوشی کرنے شراب کشید کرنے اور اس کی فروخت ((Selling اور خرید (Purchasing)سے بھی منع کرتا ہے۔ 
اسلام اس سے بھی منع کرتا ہے کہ اللہ تعالی کو ناراض کر کے لوگوں کو راضی کیا جائے، اور والدین (Parents) کوبرا کہنے اور انہیں ڈانٹنے سے منع کیا ہے، اور اسلام اس سے منع کرتا ہے کہ اولاد اپنے والد ٖFatherکو چھوڑ کر کسی اور کی طرف نسبت  کرے۔ 
اسلام یہ بھی کہتا ہے کہ کسی کو آگ سے تکلیف مت دو، اور نہ ہی کسی زندہ یا مردہ کو آگ میں جلاؤ، اور اسلام مثلہ کرنے سے بھی منع کرتا ہے، ( مثلہ یہ ہے کہ قتل کرنے کے بعد اس کے مختلف اعضاء کاٹ کراس کی شکل بگاڑ ی جائے )۔ 
اسلام گناہ و معصیت اور دشمنی میں ایک دوسرے کی مدد کرنے سے منع کرتا ہے، اور اللہ تعالی کی نا فرمانی میں کسی ایک کی بھی اطاعت منع ہے، اور اسی طرح جھوٹا حلف اور جان بوجھ کر جھوٹی قسم سے بھی منع کیا گیا ہے۔ 
اسلام اس کی بھی اجازت نہیں دیتا کہ کس کی بھی کوئی بات اس کی اجازت کے بغیر سنی جائے، اور ان کی بے پردگی کی جائے، اسلام اسے بھی جائز نہیں کرتا کہ کسی چیز کی ملکیت کا جھوٹا دعوی کیا جائے۔ 
اسلام اس کی بھی اجازت نہیں دیتا کہ کوئی اس کی کوشش کرے کہ اس کی ایسے کام پر تعریف کی جائے جواس نے کیا بھی نہ ہو، اسلام نے یہ بھی اجازت نہیں دی کہ کسی کے گھر میں اس کی اجازت کے بغیر جھانکا جائے۔ 
اسلام فضول خرچی اور اسراف سے منع کرتا ہے، کسی گناہ پر قسم کھانا بھی منع ہے، نیک مرد اور عورتوں کے بارے میں ٹوہ میں لگے رہنے اور ان کے عیب تلاشنے  اور ان کے بارہ میں گندہ خیال کرنے بھی منع ہے، اسلام نے آپس میں ایک دوسرے سے حسد جلن اور کپٹ رکھنے سے منع کیا ہے۔ 
اسلام باطل پر اکڑنے سے منع کرتا ہے، اور تکبر، فخر (گھمنڈ)اور اپنے آپ کوبڑا سمجھنا بھی منع ہے، خوشی میں آ کر اکڑنا بھی منع ہے، اسلام نے مسلمان کو صدقہ کرنے کے بعد اسے واپس لینے سے منع کیا ہے وہ اس کے لیے خریدنا بھی جائز نہیں۔ 
اسلام اس کی بھی اجازت نہیں دیتا کہ مزدور سے مزدوری کروا کراس کی اجرت ادا نہ کی جائے، اسلام نے اولاد کو تحفے (Gifts)دینے میں عدل کرنے کا حکم دیا ہے اس میں کسی کو کم اور کسی کو زیادہ دینا منع ہے۔ 
اسلام یہ بھی اجازت نہیں دیتا کہ اپنے سارے مال کی وصیت کر دی جائے اور اپنے وارثوں کو فقیر چھوڑ دیا جائے، اور اگر کوئی ایسے کر بھی دے تو اس کی یہ وصیت پوری نہیں کی جائے گی بلکہ صرف وصیت میں تیسرا حصہ دیا جائے گا اور باقی وارثوں کا حق ہے۔ 
اسلام نے پڑوسی کو تکلیف دینے سے منع کیا ہے، اور وصیت میں کسی کو تکلیف پہنچانے سے منع کیا گیا ہے، اسلام نے یہ بھی منع کیا ہے کہ کوئی مسلمان دوسرے مسلمان سے شرعی عذر کے بغیر تین دن سے زیادہ ناراض رہے، اسلام نے چھوٹی چھوٹی کنکریاں بھی ناخنوں کے ساتھ پھینکنے سے منع کیا ہے اس لیے کہ اس سے اذیت پہنچتی ہے مثلاً کسی کی آنکھ وغیرہ میں جا لگے تو آنکھ ضائع ہونے اور دانت ٹوٹنے کا اندیشہ ہے۔ 
اسلام نے وارث کے لیے وصیت کرنا منع کیا ہے اس لیے کہ اللہ تعالی نے وارث کو اس کا حق دیا ہے، اسلام پڑوسی کو تکلیف دینے سے بھی منع کرتا ہے، کسی مسلمان کو اسلحہ اور چھری وغیرہ سے اشارہ کرنا منع ہے۔ 
اسلام ایسی باتوں سے بھی منع کرتا ہے جو کسی دوسرے کی دل شکنی یا آزار کا سبب ہو اگرچہ وہ صحیح بات ہو مگر اس کے وجہ سے اس کو تکلیف ہو اور فساد ہونے کا خدشہ ہو۔ 
اسلام نے ننگی تلوار سونت کر گھومنے سے منع کیا ہے اس لیے کہ ایذا پہنچنے کا خدشہ ہوتا ہے، بیٹھے ہوئے دو شخصوں کے درمیان بغیر اجازت تفریق کرنا منع ہے، اگر کوئی شرعی ممانعت نہ ہو تو ہدیہ واپس کرنا بھی منع ہے۔ 
بے وقوفوں کو مال دینے سے منع کیا گیا ہے، یہ بھی منع ہے کہ اللہ تعالی نے جو ایک دوسرے کو فضیلت دے رکھی ہے اس سے چھن کر اسے ملنے کی تمنا کی جائے، صدقات و خیرات کو احسان جتلا کر اور تکلیف دے کر ضائع کرنے سے بھی روکا گیا ہے۔ 
اسلام گواہی چھپانے سے بھی منع کرتا ہے، یتیم کو ڈانٹنا اور سوال کرنے والے کو دھتکارنا منع ہے، گندی اور خبیث دوائیوں سے علاج کرنا منع کیا گیا ہے، اس لیے کہ اللہ تعالی نے حرام کی ہوئی چیزوں میں شفا نہیں رکھی، اسلام جنگ میں بچوں اور عورتوں کو قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ 
کسی کو بھی کسی دوسرے پر فخر کرنے کی اجازت نہیں، وعدہ خلافی کرنا منع ہے، امانت میں خیانت بھی نہیں کرنی چاہیئے، ضرورت کے بغیر لوگوں سے مانگنا منع ہے، مسلمان پر اپنے مسلمان بھائی کو خوفزدہ کرنا منع اور بطور مذاق یا حقیقی طور پر کسی کا مال لینا اور اٹھانا جائز نہیں۔ 
ہدیہ (Gift)کی ہوئی چیز واپس نہیں لی جا سکتی۔ تجربہ (experience)کے بغیر کسی کا علاج (Treatment)کرنا منع ہے، چیونٹی، شہد کی مکھی، اور ہد ہد قتل کرنا منع ہے، اسلام نے کسی آدمی کو دوسرے آدمی اور کسی عورت کو دوسری عورت کی شرمگاہ (Private Part)دیکھنے کی اجازت نہیں دی۔ 
صرف جان پہچان والے سے سلام لینا منع ہے، بلکہ جاننے والوں اور جنہیں نہیں جانتے انہیں بھی سلام کرنا ضروری ہے۔ 
غصہ کی حالت میں کسی کا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے، کسی ایک فریق(Group) کی بات سن کر بھی فیصلہ کرنا منع ہے، آدمی کا اپنے ہاتھ میں کوئی ننگا تیز دھار اوزار لے کر بازار میں چلنا بھی منع ہے، کسی کو اس کی جگہ سے اٹھا کر خود اس کی جگہ بیٹھنا بھی منع ہے، کسی کے پاس سے بغیر اجازت اٹھنا بھی منع ہے۔ 
اس کے علاوہ بھی بہت سے احکامات(Commandments)اور ممنوعات(Prohibitions) ہیں جو انسان کی سعادت کے لیے نازل کیے گئے ہیں۔ 
اسی لیے اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں فرمایا :
{ اور جو بھی اسلام کے علاوہ کوئی اور دین تلاش کرے گا اس سے اس کا وہ دین قبول نہیں کیا جائے گا اور وہ آخرت میں نقصان اٹھانے والوں میں سے ہو گا} آل عمران ( 85 )۔ 
٭٭٭



اسلامی بنیادی باتیں 


اسلام میں عقائد(Faiths) کو صاف الفاظ میں پانچ بنیادی باتوں  پر مبنی رکھا گیا ہے۔ خدا پر ایمان، فرشتوں پر ایمان، خدا کے رسولوں پر ایمان، خدا کی کتابوں پر ایمان اور اعمال (کرتوت)کی جزا و سزا کے دن پر ایمان۔ ان حقائق کا اقرار زبان سے کرنا اور یقین دل سے کرنا ضروری ہے۔ انسان سے اسلام کا سب سے پہلا مطالبہ یہ ہے کہ وہ ایمان لائے، پھر ارکان اسلام پر عمل کریں جو تعداد میں پانچ بیان کئے گئے ہیں۔ یعنی اللہ کی توحید ( اللہ کو ایک ماننا)اور حضور ﷺ کی رسالت (رسول ہونے )کا اقرار اور تصدیق کرے، اللہ کے سوا کسی کو اپنا معبود نہ سمجھے، اس کی عبادت نماز کی صورت میں ادا کرے، نفس کشی کے لیے رمضان کے روزے رکھے، مال سے محبت دور کرے اور غریبوں اور فقیروں کی مدد کرے، ان کے لیے زکوٰۃ دے اور بیت اللہ کا حج کرے۔ 

اللہ تعالیٰ پر ایمان 

اللہ ایک ہی ہے، وہ بے نیاز ہے، کسی کا محتاج نہیں سب اس کے محتاج ہیں، وہ نہ کسی کا باپ ہے اور نہ اس کی کوئی اولاد نہ کوئی اس کے برابر ہے۔ ہر کمی  اور کمزوری سے پاک، اس کے لیے نہ تھکن ہے، نہ زوال، نہ فنا، نہ موت، نہ تباہی، وہ حی اور قیوم، بزرگ اور سب سے بڑا ہے۔ اس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، وہ زندہ ہے، سب کو زندگی دینے والا، وہ نہ سوتا ہے نہ اسے اونگھ اور نیند آتی ہے، جو کچھ آسمانوں اور زمینوں میں ہے سب اسی کا ہے، ایسا کون ہے جو سفارش کرے اس کے پاس سوائے اس کے جس کو وہ اجازت دے، وہ جانتا ہے جو کچھ بندوں کے سامنے ہے اور جو کچھ ان کے پیچھے ہے اور وہ سب اس کی معلومات میں سے کچھ نہیں جان سکتے مگر جتنا کہ وہ چاہے، اس کا علم آسمانوں اور زمین کو گھیرے ہوئے ہے اور انھیں تھامنا اسے گراں نہیں اور وہی ہے سب سے برتر عظمت والا۔ وہ ہر چیز کا رب ہے، جو چاہے پیدا کرے، اور جیسے چاہے اضافہ کرے سب اس کے فرماں بردار ہیں، کوئی نہیں جو اس کی بندگی سے آزاد ہو، اسی کے ہاتھ میں ہر چیز کی حکومت ہے، یہ اللہ رب بر حق اسی کے لیے تمام تعریفیں ہیں، وہی اول ہے وہی آخر ہے، وہی ظاہر ہے وہی باطن ہے اسی کے لیے ہیں اسمائے الحسنی۔ 
قرآن مجید کے بتائے ہوئے تصور الوہیت (Concept of godness) سے اللہ تعالیٰ کی ہستی کا ایک ایسا تصور (concept)قائم ہو جاتا ہے جو ہر لحاظ سے مکمل مرغوب، مطلوب اور ادراک و وجدان کے مطابق ہے، ہمارے احساسات  (Feelings) اور مشاہدات (Observations) اس بات کی گواہی  دیتے ہیں اور اس طرح اللہ تعالیٰ پر ایمان کا  ایک اصول حیات کی صورت میں دلوں میں گہری جگہ پا لیتا ہے۔  
اسلام کی تعلیمات سے اللہ تعالیٰ کے وجود (existence)کا ایک ایسا مکمل  (complete) اور واضح تصور (clear concept) ملتا ہے جو دنیا کے کسی مذہب میں نہیں، کہیں اسے صرف محبت کہا گیا  اور کہیں وہ صرف پریشانیوں کو دور کرنے والا ہے، کہیں اس کی ذات کو الگ الگ کر دیا گیا اور کہیں اسے تجسیم و تشبیہ اور تناسل سے آلودہ کیا گیا اور کسی مذہب کی رو سے اس نے انسانی بھیس اختیار کر لیا ہے۔ ان تمام تصورات (concepts)کی نہی  قرآن مجید نے اس طرح کر دی ہے کہ خدا (God)صرف وہی ہو سکتا ہے جو بے نیاز(بے پرواہ) بلند مرتبہ والا، ہمیشہ قائم رہنے والا ہو جو قادر مطلق ہو اور حاکم اعلیٰ ہو، جس کا علم سب پر محیط ہو، جس کی رحمت سب پر وسیع ہو، جس کی طاقت سب پر غالب ہو، جس کی حکمت میں کوئی کمی نہ ہو، جس کے عدل میں ظلم کا شک  تک نہ ہو، جو زندگی بخشنے والا، وسائل حیات مہیا کرنے والا ہو، جو فائدے اور نقصان کی ساری قوتوں کا مالک ہو، اس کی بخشش اور نگہبانی کے سب محتاج ہوں اسی کی طرف تمام مخلوقات کی بازگشت ہو، وہی سب کا حساب لینے والا ہو، اور اسی کو جزا اور سزا کا اختیار ہو، وہ نہ تو ہماری مادی اشیاء کا سا جسم رکھتا ہو اور نہ اس کی صورت کو کسی چیز سے تشبیہ دی جا سکتی ہو۔ 
اب سوال یہ ہے کہ کیا ایسی ہستی مطلق کا وجود بھی ہے ؟ اٹھارویں صدی کے مادہ پرستوں نے مادہ ہی کو اول و آخر قرار دیا ہے۔ انیسویں صدی کے سائنس نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ خدا کا تصور سرے سے ہی غلط ہے۔ مگر جدید سائنس نے اس بات کا اعتراف (confess) کیا ہے کہ سائنس کے ثابت کیے ہوئے موجودہ اصول حتمی حیثیت نہیں رکھتے اور ان میں ہر نئی تحقیق سے تغیر و تبدل(Changing)  سامنے  آتا ہے۔ اس کے پیش نظر سائنس کا نیا رجحان مذہب اور اللہ کے وجود کی سمت اشارہ کرنے لگا ہے۔ جس کی مزید تفصیل آپ آئندہ لیول (Next Level) میں پڑھیں گے۔ 

نبی اور رسول پر ایمان

نبی یا رسول ہونا ایک ایسا منصب ہے جو اکتسابی نہیں . یعنی کوشش یا ریاضت سے حاصل نہیں ہوتا، بلکہ وہبی ہے یعنی اللہ تعالیٰ تبلیغ دین اور اپنے احکامات (Commandments)بندوں تک پہچانے کے لیے کسی برگزیدہ (Eminent) بندے کو چن کر نبوت کے بلند منصب  (Post) پر فائز فرما دیتا ہے۔ نبی اللہ تعالیٰ اور اس کے بندوں کے درمیان دنیوی اور اخروی کامیابی کے لیے رابطہ (Connection) ہے۔ 
منصب نبوت (Prophet hood Post)کے ساتھ عام طور پر  تین چیزوں کو وابستہ کیا جاتا ہے۔ 
۱۔ 	بعض غیب کی باتوں پر اللہ کی طرف سے اطلاع (Information)
۲۔ 	معجزہ(Miracle  )یعنی خلاف عادت واقعات کا ظاہر ہونا۔ 
۳۔ 	فرشتوں کے ذریعے وحی الہی کا آنا یا فرشتوں کو مختلف صورتوں میں دیکھنا یا ان کے آنے جانے اور موجود ہونے  کو محسوس کرنا۔ 
انبیاء کی ضرورت و اہمیت :مندرجہ ذیل مقاصد کے لیے انبیائے کرام تشریف لاتے ہیں :
تعلیم : انبیاء کی پہلی اور اہم ذمہ داری اپنی امت کی لیے تعلیم کی فراہمی (Provide)ہے یعنی ان کو ان حقائق سے آشنا کرائیں جن کو وہ نہیں جانتے یا نہیں جان سکتے۔ یعنی  انبیاء کی تشریف آوری اور لوگوں کے درمیان ان کی موجودگی کو جو چیز ضروری اور لازم قرار دیتی ہے وہ انسانوں کی اپنی راہ نجات و کمال سے متعلق جہالت اور لاعلمی ہے۔ انبیاء اس لیے آئے تھے کہ اس جہالت کو علم میں تبدیل کریں۔ 
قرآن مجید میں ہے۔ 
جس طرح ہم نے تمھارے درمیان  تم ہی میں  سے ایک رسول بھیجا ہے جو تم پر ہماری آیتوں  کی تلاوت کرتا ہے تمھیں پاک و پاکیزہ(Purification) بناتا ہے اور تمھیں کتاب و حکمت کی تعلیم دیتا ہے اور وہ سب کچھ بتاتا ہے جو تم نہیں جانتے۔ 
انبیائے کرام کی تعلیمات کو دو حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ 
(۱) 	ایسے حقائق کہ جن کا علم انسان کی دسترس (Capacity)سے مکمل طور پر باہر ہے، انسان جس قدر کوشش کر لے اپنی حس و عقل کے ذریعہ ان تک نہیں پہونچ سکتا۔ 
(۲) 	ایسے حقائق کہ عقل انسانی جن تک پہنچ تو سکتی ہے لیکن ان تک دسترس کے لیے سالوں سال بلکہ صدیوں کی علمی کوشش اور تجربہ کی ضرورت ہے۔ 
انبیاء کرام ان امور (Matters) میں انسان کی مشکلات و مسائل کو آسان کرتے ہیں اور ان علوم و معارف (Science and knowledge)کو تیار شدہ ان کے حوالے کر دیتے ہیں۔ 
 تزکیۂ نفس :انبیائے الٰہی وہ پاک و پاکیزہ اور نیک افراد ہوتے ہیں جن میں تمام نیک صفات پائی جاتی ہیں نیز تمام بری صفتوں سے پاک ہوتے تھے۔ انبیاء کیونکہ بذات خود انصاف، سچائی، پاکیزگی، بہادری، فیاضی اور سخاوت، امانت وغیرہ جیسی صفات کا مجسم نمونہ ہوتے ہیں لہٰذا اپنی امت کو بھی ان نیک صفات کی طرف دعوت دیتے ہیں ساتھ ہی تمام بری صفتوں سے بچنے کی رغبت بھی دلاتے ہیں۔ یا یوں کہا جائے کہ قرآن کریم کے مطابق لوگوں کے نفوس کا تزکیہ کرتے اور قلوب کو پاکیزہ بناتے تھے۔ 
نصیحت : انسان فطرت پر پیدا ہوتا ہے اور اللہ تعالیٰ پر عقیدہ، اس کی عبادت کی طرف راغب ہونا، اچھی اور نیک صفات و فضائل کی طرف جھکاؤ جیسے بہت سی صفات اس کے وجود میں ابتدا ہی سے راسخ ہوتے ہیں جو اس کو نجات و کمال کی طرف لے جا سکتے ہیں۔ لیکن انسان ہوا و ہوس(Desire)، دنیا کی محبت اور مادی لذتوں کی طرف رغبت اور ساتھ ہی اپنی ذات کی طرف سے لاپرواہی کی بنا پر اپنی اس فطرت کو آلودہ کر دیتا ہے اور اچھی صفتوں سے کوسوں دور ہو جاتا ہے۔ تو اسی لیے انبیائے کرام تشریف لاتے ہیں کہ وہ انسانوں کو ان کی اس فطرت کی طرف پلٹا سکیں اور ن کے ان مقدس فطری صفات کو بیدار کر سکیں جوسوئے ہوئے ہیں۔ 
غلامی اور قید و بند سے آزادی :انبیائے کرام  نے انسان کی کئی قسم کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے جہاں ایک طرف انسان کو بادشاہوں اور سلطنتوں کی شکل میں مادی قدرتوں کی قید سے آزادی دلائی وہیں دوسری طرف ان کو ہویٰ و ہوس، شہوت پرستی، مادیت اور حب دنیا جیسی زنجیروں سے آزاد کرایا۔ 
عدالت اجتماعی :انبیاء کے اہداف (Target)میں سے ایک اہم ہدف، معاشرے (Society) میں عدل و انصاف کی برقراری ہے۔ قرآن واضح طور پر عدالت اجتماعی بر قرار کرنے کو انبیاء کا اہم ہدف اور ان کی ایک بڑی ذمہ داری کے طور پر پیش کرتا ہے۔ 
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے :
بیشک ہم نے رسولوں کو واضح دلائل کے ساتھ بھیجا ہے اور ان کے ساتھ کتاب و میزان کو نازل کیا ہے تاکہ لوگ انصاف کے ساتھ قیام کریں۔ 

 نمونۂ عمل 

آج تمام، ماہرین نفسیات اس بات پر متفق ہیں کہ کس نمونۂ عمل کا وجود، افراد معاشرہ کی تربیت میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے اور کمال و تربیت انسان کے اہم ترین اسباب و عوامل میں سے ایک ہے۔ انبیائے الٰہی کے وجود کا ایک فائدہ اور خصوصیت یہ بھی تہی کہ وہ معاشرے کے عام لوگوں کے درمیان زندگی گزارتے تھے اور لامحالہ اپنی صفات کی بنیاد پر عوام الناس کے لیے نمونۂ عمل ہونے کا کردار نبھاتے تھے۔ 
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : 
بے شک تمھارے لیے  رسول کی زندگی میں بہترین نمونۂ عمل ہے۔ 
اللہ تعالیٰ نے منصب نبوت کے لیے ہمیشہ مردوں ہی کو منتخب فرمایا۔ کوئی عورت کبھی اس منصب عالی پر فائز نہیں ہوئی۔ 
حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر حضرت محمد ﷺ تک انبیائے کرام کا ایک سنہری سلسلہ (Series) ہے جو حضرت محمد ﷺ ہی پر ختم ہو گیا۔ اور ہر رسول اپنی اپنی قوم اور امت کے لیے مبعوث ہوا، لیکن حضرت محمد ﷺ کو ساری دنیا کے لیے رحمت العالمین بنا کر بھیجا گیا، آپ آخری نبی ہیں اور آپ کی شریعت آخری شریعت ہے۔ آپ کے بعد نہ کوئی نبی پیدا ہو گا اور نہ کوئی شریعت آئے گی۔ 
امت اکا اس بات پر اجماع ہے کہ نبی معصوم من الخطاء ہوتا ہے۔ یعنی نبیوں سے کوئی گناہ نہیں ہوتا۔ انبیاء کا خطا سے معصوم ہونا اللہ تعالیٰ کے دئے ہوئے ضروری علم و یقین کی وجہ سے ہوتا ہے، جس کے سبب نبی سمجھتا ہے کہ وہ اللہ کی طرف سے جو کچھ پا رہا ہے اور جو سمجھ رہا ہے وہ حقیقت کے عین مطابق ہے اور اسے ایسا یقین ہوتا ہے گویا وہ حقائق(Facts) کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہے۔ 
لوگوں کو انبیاء کی بے گناہ ہونے کا یقین ان کی عقلی اور خطابی دلیلوں سے ہوتا ہے۔ نیز ان کا شاندار کردار (Character)اور ان کے اخلاق و اطوار(Manner and method)  اور پاکیزہ زندگی(Holy life) ان کی پاک دامنی اور بے گناہی کی منھ بولتی تصویر ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں اس بات کی شہادت دی ہے کہ حضرت نوح علیہ السلام حضرت ابراہیم علیہ السلام اور ان کی آل و اولاد اور دیگر انبیاء بڑے برگزیدہ اور ہدایت یافتہ لوگ تھے۔ اللہ تعالیٰ نے انھیں کتاب شریعت اور نبوت سے نوازا تھا۔ 
نبی کا چال چلن، شکل و صورت حسب و نسب(Ancestry) طور طریقہ بات چیت سب اچھے اور بے عیب ہوتے ہیں، نبی کی عقل کامل ہوتی ہے  نبی سب آدمیوں سے زیادہ عقل مند ہوتا ہے۔ 
حضرت آدم علیہ السلام سب سے پہلے انسان ہیں ان سے پہلے انسان کا وجود نہ تھا، سب آدمی انھیں کی اولاد ہیں، یہی سب سے پہلے نبی ہیں، اللہ تعالیٰ نے ان کو بے ماں باپ کے مٹی سے پیدا کیا اپنا خلیفہ بنایا، تمام چیزوں اور ان کے نام کا علم دیا، فرشتوں کو حکم دیا کہ آدم کو سجدہ کرو، سب نے سجدہ کیا، سوا شیطان کے اس نے تکبر اور حسد کی وجہ سے سجدہ کرنے سے انکار کیا اور ہمیشہ کے لیے ملعون و مردود ہوا۔ حضرت آدم  علیہ السلام سے لے کر ہمارے نبی حضرت محمد رسول اللہ ﷺ تک بہت نبی آئے۔ حضرت نوح، حضرت ابراہیم، حضرت موسیٰ حضرت عیسیٰ اور ان کے علاوہ ہزاروں۔ یہ چارو نبی بھی تھے اور رسول بھی، سب سے آخری نبی اور رسول ساری مخلوقات سے افضل سب کے پیشوا حضرت محمد ﷺ ہیں۔ آپ کے بعد کوئی نبی نہ ہو گا، جو شخص آپ کے بعد کسی اور کو نبی مانے وہ اسلام کے دائرہ سے باہر ہے۔ 
رسول اور نبی میں فرق یہ ہے کہ رسول بیک وقت رسول بھی ہوتا ہے اور نبی بھی، لیکن نبی کے لیے ضروری نہیں کہ وہ رسول بھی ہو۔ رسول وہ ہے جسے جبرئیل کے ذریعہ وحی آتی ہو، صاحب کتاب و شریعت ہو، اسے تبلیغ رسالت کا حکم ملا ہو اور وہ اپنے سے پہلے رسولوں میں سے کسی کی شریعت یا کتاب کا تابع (Follower) نہ ہو۔ نبی وہ ہے جسے فرشتے کے ذریعہ قلبی الہام کے ذریعے وحی ہو خواہ اسے تبلیغ کا حکم ہو یا نہ ہو۔ 
اگرچہ ہم حضرت محمد ﷺ سے پہلے کے تمام انبیاء پر ایمان رکھتے ہیں، ان پر بھی جن کا ذکر قرآن میں آیا ہے اور ان پر بھی جن کا ذکر قرآن مجید میں نہیں ہے۔ اور یہ ایمان ہمارے عقیدے کا ایسا لازمی جزءCompulsory part ہے جس کے بغیر ہم مسلمان نہیں ہو سکتے، لیکن ہدایت حاصل کرنے کے لیے ہم صرف حضرت محمد ﷺ ہی کی شریعت پر عمل(Follow)کرتے ہیں یہ کسی تعصب کی بناء پر نہیں بلکہ اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ : 
۱۔ 	وہ آخری نبی ہیں، اس لیے ان کی لائی ہوئی تعلیم خدا کی طرف سے  جدید ترین ہدایت  Latest Dispensations ہے۔ 
۲۔ 	ان کے ذریعہ سے جو کلام اللہ ہم کو پہنچا ہے، وہ خالص اللہ کا کلام ہے، جس کے ساتھ کسی انسانی کلام کو ملوث (mixed) نہیں کیا گیا، وہ اپنی اصل زبان میں محفوظ ہے۔ اس کی زبان ایک زندہ زبان ہے جسے آج بھی کروڑوں انسان بولتے، لکھتے اور سمجھتے ہیں، اس زبان کے قواعد Grammar))، لغت، محاورے (Idiom) ، تلفظ (Pronunciation) اور املا میں قرآن کے  نازل ہونے کے زمانے سے اب تک کوئی تبدیلی  (Changing)نہیں آئی ہے۔ 
۳۔ 	ان کی سیرت Biography)  (اخلاق و کردار، اقوال اور اعمال کے متعلق  مکمل تاریخی ریکارڈ(Complete historical records)  زیادہ سے زیادہ ممکن صحت، اور زیادہ سے زیادہ ممکن تفصیلات کے ساتھ محفوظ (Save)ہے، یہ بات در اصل(Actually) دوسرے انبیاء پر صادق نہیں آتی ہے اس لیے ہم ان پر صرف ایمان رکھ سکتے ہیں عملاً(Practically)  ان کی اتباع (Follow)نہیں کر سکتے۔ 
ہمارے عقیدے کے مطابق محمد رسول اللہ ﷺ کی رسالت دنیا کے لیے اور ہر زمانے کے لیے ہے اس لیے کہ  :
۱۔ 	قرآن مجید اس کی صراحت (explain)کرتا ہے۔ 
۲۔ 	یہ ان کے آخری نبی ہونے کا منطقی تقاضا ہے، کیوں کہ دنیا میں ایک نبی کے آخری نبی ہونے سے خود بخود یہ لازم آتا ہے کہ وہ تمام انسانوں کے لیے اور اپنے بعد آنے والے ہر زمانے کے لیے ہدایت (guide) اور رہنما (leader)  ہو۔ 
۳۔ 	ان کے ذریعہ سے وہ ہدایات (Guidance) مکمل طور پر دی گئی ہے ں، جو راہ راست پر چلنے کے لیے انسان کو ضروری ہے۔ اور یہ بھی ان کے آخری نبی ہونے کا نتیجہ ہے۔ 

فرشتوں پر ایمان

فرشتہ فارسی زبان کا لفظ ہے اور اردو میں بھی مستعمل (Used)ہے، عربی میں اس کے لیے ملک کا لفظ ہے اور (Plural)ملائکہ ہے، اس کے لغوی معنی پیامبر اور رسول کے ہیں، اس لیے قرآن مجید میں فرشتوں کے لیے رسول کا لفظ بھی آیا ہے۔ اسلام میں فرشتوں کے وجود پر ایمان لانا ضروری ہے۔ 
فرشتے نوری جسم کی مخلوق ہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے یہ طاقت دی ہے کہ جو شکل چاہیں بن جائیں انسان کی ہو یا کوئی اور۔ فرشتے اللہ کی مخلوق ہیں، اللہ تعالیٰ کے حکم کے خلاف کچھ بھی نہیں کرتے، نہ جان بوجھ کر نہ بھول کر اس لیے کہ معصوم ہیں ہر قسم کے چھوٹے بڑے گناہ  سے پاک ہیں۔ 
اللہ تعالیٰ فرشتوں سے اپنی اس عظیم الشان سلطنت کی تدبیر و انتظام کے کام لیتا ہے، یعنی یہ سلطنت الہی کے اہل کار ہیں، جو اللہ کے احکام کو نافذ کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ اپنے حکم اور مرضی کو ان پر القا کرتا ہے اور وہ ایک بے اختیار محکوم کی طرح اس کو اللہ تعالیٰ کی مخلوقات میں جاری کر دیتے ہیں، فرشتوں کو اس کے سوا کوئی ذاتی اختیار نہیں، وہ سرتاپا اطاعت ہیں، دنیا میں رحمت و عتاب کی جیسی بھی صورتیں نازل ہوتی ہیں، وہ فرشتوں کے ذریعے ہی ہوتی ہے اور اللہ تعالیٰ اپنے انبیاء کے لیے جو ہدایات و احکام بھیجتا تھا وہ فرشتوں کے ذریعے ہی بھیجتا تھا۔ 
فرشتوں کی مختلف ذمہ داریاں ہیں، جن میں وہ مصروف رہتے ہیں، ان کی تعداد گنتی کے باہر ہیں، ان فرشتوں میں چار مشہور فرشتوں کے نام جبرائیل، عزرائیل، اسرافیل اور میکائیل ہیں۔ 
جبرئیل : جو اللہ تعالیٰ کے پیغامات اس کے انبیاء اور رسولوں تک لاتے ہیں۔ 
عزرائیل : جو انسانوں کی روح قبض کرتے ہیں، ان کو ملک الموت بھی کہتے ہیں، 
اسرافیل : قیامت کے دن صور پھونکیں گے، تو تمام ذی روح مر جائیں گے۔ 
میکائیل : حضرت جبرئیل کے بعد میکائیل کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہے۔ انکی ذمہ داری لوگوں کو رزق پہنچانا اور بارش برسانا ہے۔ 
اسی طرح فرشتے جنت اور جہنم کے محافظ (Guard)بھی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی رحمت اور عذاب کو انسانوں پر نازل کرنے کے لیے بھی فرشتے مقرر(Fixed) ہیں۔ 
کسی بھی فرشتے کی ذرہ سی بھی بے ادبی کی اسلام اجازت نہیں دیتا ہے۔ 

اللہ تعالیٰ کی کتابوں پر ایمان: 

اللہ تعالیٰ نے اپنے پیغمبروں پر اپنا کلام پاک اتارا، حضرت موسی پر توریت(old testament) اتری حضرت داؤد پر زبور(Psalm) حضرت عیسیٰ پر انجیل (Bible )، اور نبیوں پر دوسری کتابیں اتریں , ان نبیوں کی امتوں نے ان کتابوں کو اپنے دنیاوی فائدے اور نفسانی خواہشات(Self-desire) کی بنیاد پر گھٹا بڑھا دیا۔ اللہ کے احکام کو بدل ڈالا، تب اللہ تعالیٰ نے ہمارے آقا حضرت محمد ﷺ پر قرآن پاک اتارا، قرآن ایسی بے مثل کتاب ہے کہ ویسی کوئی کتاب دوسرا کوئی نہیں بنا سکتا چاہے تمام جہان مل کر کوشش کریں،  قرآن میں سارے علم ہیں اور ہر چیز کا روشن بیان ہے۔ چودہ سو برس سے بھی زائد آج تک ویسا ہی ہے جیسا اترا اور ہمیشہ ویسا ہی رہے گا۔ سارا زمانہ چاہے تو بھی اس میں ایک حرف کا فرق نہیں آ سکتا۔ اسی قرآن پر ایمان لانا ہر شخص کے لیے لازم ہے۔ اب نہ کوئی نبی آئے گا نہ کوئی اللہ کی کتاب، جو اس کے خلاف مانے اسلام اس کو اپنا تابع (Follower)نہیں مانتا۔ 
قرآن مجید کے متعلق یہ بات ہر شک و شبہ سے بالا تر ہے کہ یہ بلا کسی تبدیلی اور changingکے ٹھیک وہی قرآن مجید ہے، جو حضرت محمد ﷺ نے پیش کیا تھا، اسکے نزول کے وقت سے ہی حضور ﷺ اس کو لکھواتے رہے تھے، اور یہ سلسلہ آپ کی وفات تک جاری رہا، اس مکمل قرآن مجید کو آپ کے پہلے خلیفہ (حضرت ابو بکر صدیق) نے ایک کتاب کی شکل میں نقل کرا کے محفوظ(Save) کر لیا اور تیسرے خلیفہ حضرت عثمان غنی نے اس کی نقلیں اسلامی دنیا کے تمام مراکز (Centers)میں بھیج دیں، اس وقت سے لے کر آج تک ہر ملک اور ہر صدی کے CopiedاورPrintedقرآن جمع کر کے دیکھ لیا جائے اس میں کوئی فرق نہیں پایا جائے گا۔ اس کے علاوہ نماز میں ا قرآن مجید پڑھنے کا حکم حضور اقدسﷺ کے رسالت کے پہلے ہی دن سے دے دیا گیا تھا، اس لیے سینکڑوں صحابہ نے پورا قرآن مجید اور تمام صحابہ نے اس کا کوئی نہ کوئی حصہ آنحضرت ﷺ کی زندگی میں  یاد کر لیا تھا، اس وقت سے لے آج تک قرآن مجید کو لفظ بلفظ یاد کرنے اور ہر سال رمضان کی تراویح میں پورا قرآن مجید زبانی سننے اور سنانے کا سلسلہ پوری دنیا میں رائج چلا آ رہا ہے، اور ہر زمانے میں لاکھوں حافظ موجود رہے، دنیا کی کوئی مذہبی کتاب بھی اس طرح نہ تحریری شکل میں لکھی گئی اور نہ حافظوں میں زبانی یاد کی گئی ہے کہ اس کے صحیح ہونے  میں شک کا ہلکا سا  امکان(Possibility  (تک نہ ہو، خود ان کی سیرت (Biography) اور سنت(Tradition) کو صحابہ اور بعد کے محدثین (حدیث کے بڑے عالم ) نے ایسے بے مثال طریقے سے محفوظ کر لیا، جس سے زیادہ محفوظ طریقے سے کبھی کسی نبی یا کسی اور تاریخی شخصیت کے حالات زندگی اور اسکے اقوال و اعمال محفوظ (Save)نہیں کئے گئے۔ 

آخرت پر ایمان

آخرت پر ایمان اسلام کا پانچواں اصول ہے۔ اللہ تعالیٰ، اس کے فرشتوں، اس کی کتابوں اور اس کے رسولوں پر ایمان کے بعد جب تک موت کے بعد زندگی پر ایمان نہ لایا جائے، یہ مکمل نہیں ہوتا۔ 
	آخرت کا مفہوم یہ ہے کہ کسی بھی خاتمے یا نجام کے بعد جس عمل کی شروعات  ہو اسے آخرت کہا جائے، گویا عالم آخرت وجود رکھتا ہے، جو ہمارے موجودہ عالم دنیا کے خاتمے کے بعد شروع ہو گا۔ 
اصطلاح میں موت سے لے کر قیامت تک کے  عرصہ (Period )کو عالم برزخ کہا گیا ہے، اور قیامت سے لے کر ابد الاباد تک کے دور کو حشر کہا جاتا ہے، جس میں تمام مخلوقات کا حساب کتاب ہو کر اعمال کے مطابق جزا و سزا مل جائے گی اور پھر آخرت کا دور شروع ہو گا جس میں ہمیشہ ہمیشہ کے لیے رہنا ہے، گویا آخرت وہ ہمیشہ کی زندگی ہے جو دنیا میں کیے گئے اعمال کے بدلے میں ملے گی۔ 
اللہ تعالیٰ نے ہمیں آخرت کے متعلق بتایا ہے کہ وہی ہماری اصل زندگی ہے، وہی اصل مقام ہے، ہم اسی کے لیے پیدا کئے گئے ہیں، اس دنیا میں انسان وہیں جانے کی تیاری کرتا ہے، دین اسلام کا حکم ہے کہ یہ تیاری اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور فرماں برداری میں اور اس کی دنیا کو پر امن بنا کر ہونی چاہیئے۔ دنیا میں انسان کے اعمال ہی اسے آخرت کے لیے تیار کرتے ہیں، جہاں اسے اچھے کاموں کا بدلہ ملے گا۔ 
یہ عقیدہ اپنی تفصیلی صورت میں چھ لازمی تصورات (Compulsory concepts)پر مشتمل ہیں : 
1)	دنیا میں انسان غیر ذمہ دار بنا کر نہیں چھوڑ دیا گیا ہے، بلکہ وہ اپنے خالق کے سامنے جواب دہ ہے، دنیا کی موجودہ زندگی (Recent life) در اصل انسان کے امتحان و آزمائش کے لیے ہے، اس کے خاتمے کے بعد اسے اپنے کارنامۂ حیات کا حساب خدا کو دینا ہو گا۔ 
2)	اس محاسبے کے لیے اللہ تعالیٰ نے ایک وقت مقرر کر رکھا ہے، انسان کو دنیا میں کام کرنے کے لیے جتنی مہلت دینے کا اللہ تعالیٰ فیصلہ کر چکا ہے، اس کے اختتام (End)پر قیامت برپا ہو گی، جس میں دنیا کا موجودہ نظام درہم برہم کر دیا جائے گا، اور ایک دوسرا نظام عالم نئے طرز پر برپا کیا جائے گا، اس نئی دنیا میں وہ تمام انسان دوبارہ زندہ کر کے اٹھائے جائیں گے جو شروع پیدائش سے لے کر قیامت تک پیدا ہوئے تھے۔ 
3)	اس وقت ان سب کو بہ یک وقت اللہ تعالیٰ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، اور ہر شخص کو اپنی ذاتی حیثیت میں ان اعمال کی جواب دہی کرنی ہو گی، جو اس نے خود اپنی ذمہ داری پر دنیا میں کیے ہوں گے۔ 
4)	وہاں اللہ تعالیٰ صرف اپنے ذاتی علم پر فیصلہ نہیں کرے گا، بلکہ عدل کے تمام شرائط پورے کیے جائیں گے، ہر شخص کے کارنامۂ حیات کا پورا ریکارڈ بغیر کسی چھانٹ کاٹ کے عدالت کے سامنے رکھ دیا جائے گا، اور بے شمار قسم کی شہادتیں اس بات کے ثبوت میں پیش کر دی جائیں گی کہ اس نے خفیہ (secretly) اور علانیہ (openly) کیا کچھ کیا اور کس نیت(Intention)  سے کیا ہے۔  
5)	اللہ کی عدالت (Court)میں کوئی رشوت، کوئی بے جا سفارش (Source) اور کوئی خلاف حق وکالت نہ چل سکے گی، کسی کا بوجھ دوسرے پر نہ ڈالا جائے گا، کوئی قریب سے قریب عزیز یا دوست یا لیڈر یا مذہبی پیشوا یا خود ساختہ معبود کسی کی مدد کے لیے آگے نہ بڑھے گا، انسان وہاں تن تنہا بالکل بے یارو مدد گار کھڑا ہوا اپنا حساب دے رہا ہو گا، اور فیصلہ صرف اللہ کے اختیار میں ہو گا۔ 
6)	فیصلے کا سارا دار و مدار اس بات پر ہو گا کہ انسان نے دنیا میں انبیاء کے بتائے ہوئے حق کو مان کر اور آخرت میں اپنی جواب دہی کو محسوس کر کے ٹھیک ٹھیک اللہ کی بندگی کی یا نہیں۔ پہلی صورت میں اس کے لیے جنت اور دوسری صورت میں اس کے لیے دوزخ ہے۔ 
٭٭٭



اپنے پیغمبر کو پہچانو!

حضرت محمد رسول اللہﷺ 

آپ کی پیدائش ۱۲ ربیع الاول، عام الفیل (یعنی جِس سال ابرہہ ہاتھیوں کے ساتھ خانہ کعبہ پر حملہ آور ہوا تھا )۔ ۲ اپریل ۵۷۱ پیر (Monday) کے دن   عرب کے شہر مکے میں اس وقت ہوئی جب ہر طرف ظلم و زیادتی اور دہشت گردی چھائی ہوئی تھی، عرب کے لوگ اپنی بیٹیوں کو زندہ دفن کر دیا کرتے تھے، عورتوں کو معاشرے میں سب سے ذلیل سمجھا جاتا تھا، بتوں کی پوجا کی جاتی تھی، خود اللہ کے گھر میں ۳۶۰ بت رکھے ہوئے تھے، جن کو اہل عرب اپنے معبود تسلیم کرتے تھے۔ 
آپ کی ماں حضرت آمنہ نے  ایام حمل(Pregnancy period) میں ایک خواب دیکھا تھا جس میں انھیں بتایا  گا  تھا کہ بچے کا نام احمد رکھنا،اسی لیے ماں نے آپ کا نام احمد رکھا، آپ کے دادا عبد المطلب نے آپ کا نام محمد رکھا۔ 
آپ کے والد عبد اللہ بن عبد المطلب آپ کی پیدائش سے چھ ماہ پہلے ہی انتقال فرما گئے تھے۔ 
آپ ﷺ کی پیدائش کے وقت عرب میں یہ رواج تھا کہ پیدائش کے بعد مال دار اور صاحب اقتدار لوگ اپنے دودھ پیتے بچے کو اچھی تربیت اور پرورش کے لیے صحرا (Desert)یا دیہات میں دایہ کے حوالے کر دیتے تھے کیوں کہ مکہ شہر میں مختلف قومیں اور تہذیبیں آباد تھیں جن کی وجہ سے وہاں کی زبان اور لہجے فصیح عربی سے قدرے مختلف تھے اور دیہات و صحرا میں چونکہ اصل عرب آباد تھے اور ان کی زبان و اسلوب اور تہذیب مکمل عربی تھے اس لیے عرب کے لوگ اپنے بچوں کو شہر سے دور صحراؤں اور دیہاتوں میں بھیج دیتے تھے وہاں بچے  صحت بخش اور تازہ ہوا کے ساتھ اچھی زبان و بیان اور اسلوب کے ساتھ تہذیب و کردار میں پرورش پا تے، جب حضور کی عمر مبارک چھ ماہ ہوئی تو آپ کو بھی بنی سعد قبیلے (Tribe)کی ایک خاتون (Lady)حضرت حلیمہ سعدیہ کے سپرد کر دیا گیا۔ وہاں آپ ﷺ نے چار سال گزارے، اور وہیں رہنے کے دوران اُن کے سینہ مُبارک کے کھولے اور دھوئے جانے کا واقعہ پیش آیا، اِس واقعہ کے بعد حلیمہ سعدیہ اُن کو واپس مکہ لے آئیں مگر شہر میں وبا پھیلی ہوئی تھی اس لیے حضرت آمنہ نے اپنے نور نظر اور لخت جگر کو دوبارہ حضرت حلیمہ کے پاس سپر د کر دیا تاکہ چند دن اور شہر سے باہر کھلی اور صاف ہوا میں پرورش پا سکیں۔ تقریباً چھ سال بعد ماں حلیمہ آپ کو مکہ مکرمہ میں واپس لے آئیں، آپ بڑے توانا اور تندرست تھے، آپ کو صحت مند دیکھ کر آپ کے دادا اور آپ کی ماں بہت خوش ہوئیں، اب آپ  اپنی والدہ کے ساتھ ہی رہنے لگے، حضرت آمنہ کو اپنے پیارے بیٹے کا بڑا خیال تھا، وہ آپ کو ہمیشہ اپنے ساتھ رکھتیں۔ 
چھ برس کی عمر میں والدہ کے ساتھ مدینہ منورہ کی طرف اپنے ننیہال گئے جہاں وہ آپ کو اپنے دوسرے رشتے داروں سے ملانے لے گئی تھیں، وہاں سے واپسی کے سفر میں ابوا کے مقام پر حضرت آمنہ کا انتقال ہو گیا، اور وہیں ان کو دفن کر دیا گیا، اس کے بعد آپ کی پرورش آپ کے دادا نے کی۔ 
دو برس تک جناب عبدالمطلب کی سرپرستی میں پرورش پا کر آٹھ سال کی عمر تک پہنچے تھے کہ عبدالمطلب کا بھی انتقال ہو گیا۔ اب آپ کی پرورش کی ذمہ داری آپ کے چچا ابو طالب نے اٹھائی، ابوطالب نے آپ کو اپنے بچوں سے بڑھ کر عزیز رکھا، آپ کے بچپن کا زمانہ عرب کے دوسرے بچوں کی نسبت بہت ہی عجیب گزرا، آپ کو عام بچوں میں کھیلنے وغیرہ کا شوق نہ تھا۔ 
بارہ سال کی عمر میں چچا ابو طالب کے ساتھ ایک تجارتی سفر  (business tour)میں شام (Syria)گئے، ملک شام میں ایک عیسائی راہب(Priest) بحیرہ نے آپ کو دیکھا اور ابو طالب کو بتایا کیا کہ یہ بچہ آئندہ مبعوث ہونے والا نبی ہے۔ اس کے اندر وہ نشانیاں ہیں جو نبی آخر الزماں کے متعلق توریت اور انجیل میں لکھی ہوئی ہیں۔ بحیرا نے ابو طالب کو بتایا کہ اس بچہ کو یہودیوں کے علاقے میں نہ لے کر جاؤں کیوں ہو سکتا ہے اسے کوئی تکلیف اور رنج نہ پہنچ جائے، ابو طالب بحیرا کی یہ باتیں سن کر جلد ہی شہر مکہ لوٹ آئے۔  
جب آپ ذرا جوان ہوئے تو چچا ابو طالب کی تجارت(Business) میں مدد کرنے لگے، یہاں تک کہ آپ نے تجارت کے پیشہ  (occupation)مستقل اپنا لیا، جلد ہی اپنی ایمان داری ور سچائی کی وجہ سے عام لوگوں میں عزت کی نگاہ میں دیکھے جانے لگے۔ 
بنو اسد قبیلے (Tribe)کی ایک نیک (Virtuous) اور مال دار خاتون (Lady) خدیجہ بنت خویلد آپ کی دیانت اور امانت کی شہرت سے بہت متاثر ہوئیں اور آئندہ سے اپنے تجارتی کاروبار کو سنبھالنے کی خواہش کا آپ سے اظہار کیا، آپ نے اپنے چچا ابو طالب کے مشورہ سے اس پیش کش (offer)کو قبول (accept)کر لیا۔ آپ حضرت خدیجہ کا مال لے کر شام کو روانہ ہوئے، اس تجارتی سفر میں آپ کو بہت نفع (Profit) ہوا، اس کے بعد بھی حضرت خدیجہ کا سامان لے کر کئی بار شام کے سفر کیے، ہر تجارتی سفر میں آپ کو بہت نفع ہوتا۔ 
حضرت خدیجہ آپ کی دیانت داری، خوش اخلاقی، پاکیزگی سے متاثر ہو کر نکاح کا پیغام بھیجا، ۲۵ سال کی عمر میں آپ کا نکاح حضرت خدیجہ سے ہو گیا اس وقت حضرت خدیجہ کی عمر ۴۰ سال تھی۔ 
جب آپ کی عمر ۳۵ سال تھی تو قریش نے خانہ کعبہ میں کچھ تعمیر (construction) کا کام شروع کیا، اس تعمیر کے دوران جب حجر اسود کو اس کی جگہ میں لگانے کا مسئلہ آیا تو قریش کے تمام سردار ا ٓپس میں لڑ پڑے کیوں کہ ان میں سے ہر کوئی حجر اسود کو اس کی جگہ میں رکھنے  کی خواہش کر رہا تھا، وہ اس لیے کہ یہ پتھر جنت سے اتارا گیا ہے اور یہ بات بڑے ہی عزت اور شرف کی تھی کہ کوئی اس جنتی پتھر کو اٹھا کراس کی جگہ رکھ دے، اسی لیے اس سعادت سے کوئی بھی محروم نہیں ہونا چاہتا تھا، آخرکار (Ultimately)یہ طے ہوا کہ اگلے دن سب سے پہلے جو آدمی حرم شریف میں داخل ہو گا وہی حجر اسود کو لگائے گا، حسن اتفاق سے محمد ﷺ اگلی صبح سب سے پہلے حرم میں داخل ہوئے تو سب آپ کو دیکھ کر پکار اٹھے ’’الامین و الصادق‘‘ یہ ایمان دار ہیں اور ہمیشہ سچے ہیں، ہم سب راضی ہیں۔ آپ نے ایک کپڑے (چادر) میں حجر اسود کو رکھا اور چادر کے کونے مختلف سرداروں کو پکڑنے کے لیے کہا، آپ کی حکمت عملی اور فراست سے یہ جھگڑا طے ہوا۔ 
اسلام سے پہلے عربوں میں لڑائیوں کا ایک طویل سلسلہ جاری تھا۔ ان ہی لڑائیوں میں سے ایک مشہور لڑائی جنگ فجار کے نام مشہور ہے۔ عرب کے لوگ ذو القعدہ, ذو الحجہ، محرم اور رجب ان چار مہینوں کا بے حد احترام کرتے تھے۔ اور ان مہینوں میں لڑائی کرنے کو گناہ جانتے تھے۔ یہاں تک کہ عام طور پر ان مہینوں میں لوگ تلواروں کو نیام میں رکھ دیتے تھے۔ اور نیزوں کی برچھیاں اتار لیتے تھے۔ مگر اس کے باوجود کبھی کبھی ایسے ہنگامی(Emergency) حالات سامنے آ  گئے  کہ مجبوراً ان مہینوں میں بھی لڑائیاں کرنی پڑیں۔ تو ان لڑائیوں کو اہل عرب حروب فجار ( گناہ کی لڑائیاں ) کہتے تھے۔ سب سے آخری جنگ فجار جو قریش اور قیس کے قبیلوں کے درمیان ہوئی اس وقت حضور ﷺ کی عمر بیس برس کی تھی۔ چونکہ قریش اس جنگ میں حق پر تھے اس لیے ابو طالب وغیرہ اپنے چچاؤں کے کہنے پر  آپ نے بھی اس جنگ میں شرکت فرمائی۔ مگر کسی پر ہتھیار نہیں اٹھایا، صرف اتنا ہی کیا کہ اپنے چچاؤں کو تیرا ٹھا اٹھا کر دیتے رہے۔ اس لڑائی میں پہلے قیس پھر قریش غالب آئے۔ اور آخر کار صلح پر اس لڑائی کا خاتمہ ہو گیا۔ 
ان ہی دنوں میں آپ میں توجہ الی اللہ اور خلوت گزینی کا شوق بڑھا، آپ قریش میں رائج  مشرکانہ کاموں سے ہمیشہ دور رہتے، عمر میں اضافہ کے ساتھ تنہائی اور خلوت نشینی بڑھتی گئی، آپ گھر سے کھانے پینے کا سامان لے کر شہر مکہ  سے تین میل کے فاصلے پر کوہ حرا میں جسے آجکل جبل نور کہتے ہیں ایک غار میں چلے جاتے اور اس وقت تک غور و فکر اور عبادت میں لگے رہتے جب تک آپ کے پاس کھانے پینے کا سامان رہتا۔ 
۴۰ سال کی عمر میں جب آپ غار حرا میں عبادت میں مصروف تھے کہ ایک فرشتہ انسانی شکل میں آیا اور آپ سے مخاطب ہو کر کہا ’’اِقُرَاء‘‘ (پڑھو) آپ نے فرمایا ’’مَااَنَا بِقَارِیُ ‘‘میں تو نہیں پڑھ سکتا۔ دو بارہ فرشتے نے آپ کو سینہ سے لگایا اور زور سے دبایا اور کہا ’’اِقُرَاء‘‘ آپ نے پھر کہا ’’مَااَنَا بِقَارِیُ‘‘ فرشتہ نے تیسری بار آپ کو زر سے دبایا اور پھر آزاد چھوڑ کر کہا  ’’اِقُرَأبِاسُمِ رَبِکَ الَّذِیُ خَلَقَ‘‘ ( پڑھو اپنے رب کے نام سے، جس نے ہر چیز کو پیدا کیا اور انسان کو جمے ہوئے خون سے پیدا کیا۔ ) یہ پہلی وحی تھی جو غار حرا میں نازل ہوئی۔ 
اس کے بعد چند روز تک آپ پر کوئی کوئی وحی نازل نہ ہوئی، پھر اچانک سورہ مدثر کی ابتدائی آیتیں نازل ہوئیں، جن میں آپ کو  حق کی طرف بلانے کے لیے تیار ہونے کا حکم تھا،اس کے بعد آپ نے لوگوں کو شرک سے باز رہنے اور رب کی طرف پکارنے کا فریضہ شروع کیا، آپ پر سب سے پہلے ایمان لانے والوں میں ابو بکر صدیق بن ابی قحافہ، آپ کی اہلیہ محترمہ خدیجۃ الکبریٰ، حضرت زید بن حارث، حضرت علی بن ابو طالب، شامل تھے، آہستہ آہستہ ان لوگوں کی دعوت اور نبی کریم ﷺ کی تگ و دو اور محنت سے مزید لوگ دعوت اسلام کو قبول کرتے گئے، یہ دعوت آپ نے خاموشی سے اور قریبی لوگوں تک محدود  (Limited)رکھی، اس پہلے مجموعے (First group)میں عثمان بن عفان، سعد بن ابی وقاص، طلحہ بن عبید اللہ، عبد الرحمن بن عوف، ابو عبید بن الجراح، زبیر بن العوام، عثمان بن مظعون، سعید بن زید، ابو سلمہ، عبد الاسد، بن ہلال، فاطمہ بن خطاب، عمیر بن ابو وقاص، عبد اللہ بن مسعود اور جعفر بن ابو طالب شامل ہیں۔ 
مکہ کے مشرکوں کے ڈر سے مسلمان پہاڑ کی گھاٹی میں نمازیں ادا کرتے تھے، تین سال تک یہی حالت  رہی، پھر اللہ تعالیٰ کے حکم پر ایک دن نبی کریم ﷺ نے کوہ صفا ( یک مشہور پہاڑ)پر کھڑے ہو کر قریش کو پکارا اور انھیں اسلام کی دعوت دی، اس موقع پر آپ کے چچا ابولہب نے آپ کی مخالفت کی اور آپ کے لیے نازیبا کلمات استعمال کئے۔ ابو لہب کے اس رویہ پر اللہ تعالیٰ نے سورۂ لہب نازل فرمائی۔ 
نبی کریم ﷺ کی اس علانیہ دعوت (openly invitation) سے قریش کی طرف سے مخالفت (opposition) شروع ہو گئی۔ اور آپ اور آپ کے ساتھیوں کے لیے مصیبتوں کا دروازہ کھل گیا، قریش مسلمانوں کو طرح طرح سے تکلیفیں دیتے، پریشان کرتے، ستاتے، اور مارتے تھے ، حضرت بلال حضرت عثمان بن عفان، زبیر بن العوام اور ابو ذر غفاری ان بہادر اور ہمت والے مسلمانوں میں سے تھے جنھوں نے ہر ظلم و ستم کو خوشی خوشی سہا اور کسی بھی حربہ سے خوف زدہ ہو کر ایمان کی دولت کو برباد  ہونے نہ دیا۔ جو کفار مکہ حضور ﷺ کی دشمنی اور ایذا رسائی میں بہت زیادہ سرگرم تھے ان میں سے چند شریروں کے نام یہ ہیں : ابو جہل۔ اسود بن عبد یغوث۔ حارث بن قیس بن عدی۔ ولید بن مغیرہ۔ امیہ بن خلف۔ ابی بن خلف۔ ابو قیس بن فاکہہ۔ عاص بن وائل۔ نضر بن حارث۔ منبہ بن الحجاج۔ زہیر بن ابی امیہ۔ سائب بن صفی۔ عدی بن حمراء۔ اسود بن عبد الاسد۔ عاص بن سعید بن العاص۔ عاص بن ہاشم۔ عقبہ بن ابی معیط۔ حکم بن ابی العاص۔ یہ سب کے سب حضور ﷺ کے پڑوسی تھے۔ اور ان میں سے اکثر بہت ہی مال دار اور صاحب اقتدار تھے۔ اور دن رات حضور اقدسﷺ کو تکلیف دینے اور پریشان کرنے میں  مصروف کار رہتے تھے۔ 
حضور ﷺ کے ساتھ ساتھ غریب مسلمانوں پر بھی کفار مکہ نے ایسے ایسے ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے کہ مکہ کی زمین بلبلا اٹھی۔ یہ آسان تھا کہ کفار مکہ ان مسلمانوں کو دم زدن میں قتل کر ڈالتے۔ مگر اس ان کافروں کے جوش انتقام کا نشہ نہیں اتر سکتا تھا۔ کیوں کہ کفار اس بات میں اپنی شان سمجھتے تھے کہ ان مسلمانوں کو اتنا ستاؤ کہ وہ اسلام کو چھوڑ کر پھر شرک و بت پرستی کرنے لگیں۔ اس لیے قتل کر دینے کی بجائے کفار مکہ مسلمانوں کو طرح طرح کی سزاؤں اور ایذا رسانیوں کے ساتھ ستاتے تھے۔ مگر خدا کی قسم ان مسلمانوں نے اپنے استقلال و استقامت کا وہ منظر پیش کر دیا کہ تاریخ میں اس کی مثال نہیں مل سکتی۔ سنگدل، بے رحم اور درندہ صفت لوگوں نے ان غریب و بے کس مسلمانوں پر جبر و اکراہ، اور ظلم و ستم کا کوئی دقیقہ باقی نہیں چھوڑا مگر ایک مسلمان کے پائے استقامت میں بھی ذرہ برابر تزلزل نہیں پیدا ہوا۔ اور ایک مسلمان کا بچہ بھی اسلام سے منھ پھیر کر کافر و مرتد نہیں ہوا۔ 
کفار مکہ نے ان غریب و مسکین مسلمانوں پر ظلم و ستم کے ایسے ایسے پہاڑ توڑے۔ اور جاں سوز عذابوں میں مبتلا کیا جسے پڑھ کر کلیجہ منھ کو آتا ہے۔ صحرائے عرب کے تیز دھوپ میں جب کہ وہاں کی ریت کے ذرات تنور کی طرح گرم ہو جاتے۔ ان مسلمانوں کی پشت کو کوڑوں کی مار سے زخمی کر کے اس جلتی ہوئی ریت پر پیٹھ کے بل لٹاتے۔ اور سینوں پر اتنا بھاری پتھر رکھ دیتے کہ وہ کروٹ نہ بدلنے پائیں، لوہے کو آگ میں گرم کر کے اس سے مسلمانوں کو داغتے۔ پانی میں اس قدر ڈبکیاں دیتے کہ ان کا دم گھٹنے لگتا۔ چٹائیوں میں ان مسلمانوں کو لپیٹ کر ان کی ناکوں میں دھواں دیتے جس سے سانس لینا مشکل ہو جاتا اور وہ کرب و بے چینی سے بد حواس ہو جاتے۔ 
واضح رہے کہ کفار مکہ کا یہ سلوک صرف غریبوں اور غلاموں ہی تک محدود نہیں تھا بلکہ اسلام لانے کے جرم میں بڑے بڑے مال داروں اور رئیسوں کو بھی ان ظالموں نے نہیں بخشا۔ حضرت ابو بکر صدیق جو شہر مکہ کے ایک مال دار اور ممتاز معززین میں سے تھے۔ مگر ان کو بھی حرم کعبہ میں کفار قریش نے اس قدر مارا کہ ان کا سر خون سے لت پت ہو گیا۔ اسی طرح حضرت عثمان غنی جو نہایت مال دار اور صاحب اقتدار تھے جب یہ مسلمان ہوئے تو غیروں نے نہیں بلکہ خود ان کے چچا نے ان کو رسیوں میں جکڑ کر خوب خوب مارا۔ حضرت زبیر بن العوام بڑے رعب اور دبدبہ کے آدمی تھے مگر انھوں نے جب اسلام قبول کیا تو ان کے چچا ان کو چٹائی میں لپیٹ کر ان کی ناک میں دھواں دیتے تھے۔ جس سے ان کا دم گھٹنے لگتا تھا۔ 
آخر میں قریش، نبی کریم اور ابو طالب کے پاس وفود(Delegation)کی شکل میں آئے کہ نبی کریم اس دعوت کو چھوڑ دیں، اور آپ کو ہر قسم کا لالچ دیا، لیکن آپ نے فرمایا، چاہے یہ لوگ میرے ایک ہاتھ پر چاند اور دوسرے پر سورج بھی لا کر رکھ دیں، میں دعوت حق سے باز نہ آؤں گا۔ 
نبی کریم ﷺ کی مکی زندگی جو کہ تیرہ سال ہے اسے تین حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ 
I.	اوپر بتایا گیا  تین سالہ دور جس میں آپ نے خاموشی سے دعوت و تبلیغ کا فریضہ انجام دیا۔ 
II.	دوسرا دور۔ جب قریش کی طرف سے مخالفت میں شدت پیدا ہوتی گئی، اس میں آپ کے ساتھیوں کو اور خود آپ کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ عرصہ تقریباً چھ سال کا ہے۔ 
III.	تیسرا دور۔ ابو طالب اور حضرت خدیجہ کی وفات کے بعد سے لے کر ہجرت تک تقریباً ۳ سال کا عرصہ (Period)ہے جسے آپ پر اور آپ کے ساتھیوں پر انتہائی سختی کا زمانہ کہا جا سکتا ہے، جس میں شعب ابی طالب کی اسیری بھی ہے۔ 
دوسرے دور کے شروع میں قرآن مجید کی جو سورتیں نازل ہوئیں ان میں آپ کو ان حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے برابر ہدایات دی جا رہی تھیں، اور صبر و استقامت کی تلقین تھی۔ 
مکی دور کے ان نو دس سالوں میں دعوت اسلام آہستہ آہستہ مکے کے باہر بھی جانا جانے لگا، پانچویں سال رجب کے مہینے  میں قریش کے ظلم و ستم سے تنگ آ کر آپ نے اپنے ساتھیوں کو حبشہ (Ethiopia)ہجرت کا حکم دیا، پہلی بار بارہ مرد اور چار عورتیں ہجرت کر گئیں، قریش نے نجاشی (حبشہ کے بادشاہ) کے دربار تک جا کر ان مسلمانوں کو واپس لانے کی کوششیں کیں لیکن کامیابی نہ ہوئی، جب حبشہ میں مسلمانوں کو آرام و سکون سے رہنے کی صورت محسوس ہوئی تو کئی اور لوگ بھی ہجرت کر گئے یہاں تک کہ ہجرت کرنے والوں کی تعداد ۸۳ ہو گئی۔ جبکہ عورتیں ۱۸ یا ۱۹ تھیں۔ 
مکے میں ایک طرف قریش کے ظلم و ستم اور دوسری طرف آپ اور آپ کے ساتھیوں کے صبر و استقامت کے مظاہرے تھے، چھٹے سال میں قریش کے دو اہم فرد جناب حمزہ نبی کریم ﷺ کے چچا اور حضرت عمر بن خطاب ایمان لے آئے ان دو اہم شخصیتوں کے ایمان لانے میں دو اہم واقعات تاریخ میں بیان کئے جاتے ہیں، حضرت عمر کے ایمان لانے سے مسلمانوں کی قوت میں اضافہ ہو گیا، اب مسلمان اپنے دینی فرائض علانیہ (openly)خانہ کعبہ میں جا کر ادا کرنے لگے، اس کی شروعات خود حضرت حمزہ نے کی، جس سے کافی ہنگامہ ہوا لیکن بالآخر قریش کو ہزیمت اٹھانی پڑی۔ 
جوں جوں اسلام کی دعوت میں وسعت ہوتی چلی گئی قریش کی مخالفت بڑھتی گئی یہاں تک کہ  ایک منصوبے کے تحت نبی کریم ﷺ اور آپ کے ساتھیوں کا مکمل سماجی بائیکاٹ Social boycottکا فیصلہ کر لیا گیا، اس فیصلہ کی وجہ سے نبی کریم ﷺ اور خاندان بنی ہاشم کو پہاڑ کے ایک درہ میں رہنا پڑا۔ یہ محصوری  تین سال تک رہی، اس عرصہ (Period)میں بچے بھوک و پیاس سے بلک بلک کر مر گئے، گھاس اور درختوں کے پتے کھانے کی نوبت آ  گئی،دسویں سال  یہ محصوری ختم ہوئی، اس دوران دعوت اسلام سے مدینے کے کچھ لوگوں سے تعارف ہوا، گیارہویں سال  مدینے سے ۱۲ آدمی نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور آپ کے ہاتھ پر اسلام قبول (accept)کیا، ان کی خواہش پر اسلام کی تعلیم(teaching)کے لیے مصعب بن عمیر کو انکے ساتھ مدینہ بھیج دیا گیا، حضرت مصعب بن عمیر کی کوششوں سے اگلے سال یعنی ۱۲ نبوی کو ۷۲ آدمی حج کے زمانے میں مکے آئے، انھوں نے بھی اسلام قبول کر لیا۔ 
مدینہ منورہ کی ہجرت سے پہلے مکہ مکرمہ کے آخری سالوں کے قیام میں دو اہم واقعات پیش آئے، اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کی تائید اور ان کی دعوت کی سچائی کو ثابت کرنے کے لیے دو معجزوں Miraclesکو ظاہر کیا، ایک تو شق القمر (Division of moon)کا معجزہ، دوسرے نبی کریم ﷺ کی معراج شریف کی سیر، جس کی تفصیل آپ اگلے لیول میں پڑھیں گے۔ 
جب نبوت کا تیرہواں سال شروع ہوا تو اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق آپ نے کچھ مسلمانوں کو مدینہ منورہ ہجرت کرنے کا حکم دیا، کیوں کہ ایک تو مکہ مکرمہ میں اب رہنا بہت مشکل تھا، دوسرے دعوت اسلام کے قبول کرنے اور پھیلنے کے آثار تھے، جب قریش نے دیکھا کہ مسلمان تو مدینہ میں جا کر طاقت پکڑتے جا رہے ہیں  اور وہاں اسلام پھیلتاجا رہا ہے تو انھیں بڑی فکر ہوئی، انھوں نے آخری وار کرنے کا فیصلہ کیا، مشورے کے بعد نبی کریم ﷺ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا، اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو کفار کے اس منصوبے سے خبردار کیا اور آپ کو مدینہ منورہ ہجرت کا حکم دیا، آپ حضرت ابو بکر کے ہمراہ اس رات کو گھر سے نکلے، جب باہر کفار آپ کے قتل کے لیے تیار بیٹھے تھے، آپ نے ابو بکر صدیق کے ہمراہ غار ثور میں تین دن قیام کیا، جب کفار کا خطرہ کچھ ٹل گیا تو وہاں سے نکل کر مدینہ منورہ منورہ پہنچے، مدینے سے ۳ میل اس طرف قبا کی بستی میں آپ نے قیام کیا، قبا میں آپ کی تشریف آوری نبوت کے تیرہویں سال ۸ ربیع الاول ۳۰ ستمبر 622 کو ہوئی، انصار کے ممتاز خاندان عمرو بن عوف کے سردار کلثوم بن الہدم کے ہاں آپ ٹھہرے، وہاں آپ نے ایک مسجد تعمیر کی، قبا میں چند روز قیام کے بعد آپ مدینہ کی بستی میں داخل ہوئے مدینے میں آپ نے ۷ ماہ تک حضرت ابو ایوب انصاری کے مکان میں قیام کیا، وہاں آپ کے ٹھہرنے کے لیے کمرہ بنایا گیا، آپ نے مدینہ کے انصار اور مکہ کے مہاجرین میں بھائی چارگی کا سلسلہ قائم کر دیا، ہجرت مدینہ سے سن ہجرت کی شروعات ہوئی۔ مدینہ کے یہودیوں سے آپ نے امن و امان سے رہنے کا معاہدہ (agreement) لیا، اس طرح سے مدینہ منورہ میں ایک چھوٹی سی اسلامی ریاست کی بنیاد پڑ گئی۔ 
آپ کی تعلیمات : ایک خدا کا تصور (concept) جو تمام انبیاء کی تعلیم کا مرکزی نقطہ (central point) رہا ہے، آپ نے بھی پیش کیا۔ 
رسالت کے باب (chapter) میں آپ کی تعلیمات اس لحاظ سے بے مثال (unique)ہیں کہ آپ نے اپنے متبعین (followers)کو تمام نبیوں اور رسولوں کی عزت و احترام کی تعلیم دی، آپ نے ان کو حکم دیا کہ وہ تمام لوگ جو  اللہ تعالیٰ کا پیغام (Massage)پہنچانے کا فریضہ انجام دیتے رہے معزز اور قابل احترام Respectable ہیں۔ 
آخرت کا تصور (Concept)جس انداز میں پیش کیا گیا اس میں انسانوں کو محاسبہ نفس(Self assessment)، برائی سے نفرت اور اچھائی کی ترغیب دی گئی جو انسانوں کی راہ راست کی طرف موڑنے کا ایک بہترین ذریعہ ثابت ہوئی، آپ کی تعلیمات صرف نظریہ (theory)کی حیثیت نہیں رکھتی بلکہ آپ نے عملی طور پر(practically) ان تعلیمات کی بنیاد پر ایک حکومت قائم فرمائی جو حجاز میں باقاعدہ طور پر ایک پہلی حکومت تھی۔ 
آپ کی تعلیمات زندگی کے ہر شعبے میں روز قیامت تک ہدایت و راہنمائی کا آخری ذریعہ اور سرچشمہ ہیں، زندگی کا وہ کونسا شعبہ ہے جس میں آپ نے اپنی بلند اور مقدس زندگی سے نمونہ پیش نہ کیا ہو۔ 
ایک خاوند(Husband) کے لیے آپ کی زندگی نمونہ ہے، ایک باپ کی مثالی محبت آپ کی زندگی سے ملتی ہے، ایک مہربان دوست کی زندگی، ایک مشفق سرپرست کا نمونہ آپ ہی کی ذات سے ملتا ہے، ایک مدبر حکمران ایک ماہر سیاست دان، ایک بہترین سپہ سالار، ایک درد مند دل رکھنے والا داعی و نذیر صرف اور صرف آپ کی ہی ذات میں ہمیں نظر آتا ہے آپ کے دشمنوں تک نے اس مادی دور کے ملحد لوگوں نے اور غیر مسلم مفکرین نے آپ کی ان اعلیٰ صفات کا کھلے دل سے اعتراف کیا ہے۔ یہ ان تعلیمات کا ہی نتیجہ تھا کہ چند برسوں میں عرب کے بے آب و گیاہ خطے میں آپ کے لاکھوں عقیدت مند اور پیروکار ہو گئے، جن کی اپنی زندگیاں آئندہ آنے والے انسانوں کے لیے ایک نمونہ بنیں۔ 
آپ کی تعلیمات دوسرے انبیائے کرام اور مصلحین سے منفرد رہیں، تمام انبیائے کرام جو تعلیمات لے کر آئے وہ ایک خاص مدت اور خاص ماحول کے لیے تھیں، جونہی تقاضے بدلے یہ تعلیمات بھی بے اثر ہو گئیں اس کے علاوہ ان کے متبعین(followers)ان کی تعلیمات کی حفاظت میں ناکام رہے۔ 
آپ کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ خداوند تعالیٰ نے آپ کو امام الانبیاء اور خاتم المرسلین کا اعزاز(Award) بخشا، اس لیے آپ کی تعلیمات رہتی دنیا تک کے لیے ہیں آپ کی تعلیمات کا بہت بڑا ماخذ قرآن مجید ایک حرف اور نقطے کی تبدیلی کے بغیر آج موجود ہے۔ 
٭٭٭



اسلامی اخلاق و آداب


''حُسن خلق '' یعنی ''پسندیدہ اور اچھی عادت''، چنانچہ اس شخص کو ''خوش اخلاق'' کہا جاتا ہے کہ اچھی عادتیں اُس کی ذات و فطرت کا جزو بن چکی ہوں اور وہ دوسروں کے ساتھ کھلے چہرے اور اچھے انداز کے ساتھ پیش آنے کے ساتھ ساتھ پسندیدہ میل جول رکھے ۔
اسلام ہمیشہ اپنے والوں کو دوسروں کے ساتھ نرمی اور خوش مزاجی سے پیش آنے کی دعوت دیناہے، اسلام نے خوش اخلاق انسان کی اہمیت کو صرف مسلمانوں تک محدود نہیں رکھا ہے بلکہ اگر غیر مسلمان بھی اس نیک صفت کا حامل ہوں تو وہ بھی اس کے فوائد کو پا سکتا ہے ۔
انسان فطرتاً(Natural) بے داغ پیدا ہوتا ہے، یہ معاشرہ(Society) ہی جو اسے مختلف اچھائیوں اور برائیوں کی ترغیب دیتا ہے۔ یعنی انسان فطرتاً اچھے اخلاق پر پیدا ہوتا ہے۔ جب وہ کوئی برائی کرتا ہے تو اپنی فطرت کے اصولوں کا غلط استعمال کرتا ہے۔ 
اسلامی ضابطۂ حیات (Islamic constitution of life)انسانیت سے ایک ایسے نظام زندگی کے قیام کا مطالبہ کرتا ہے جو نیکیوں بھلائیوں اور انصاف پر قائم ہو اور برائیوں  سے پاک ہو، اس کی دعوت یہ ہے کہ جن بھلائیوں کو انسانیت کے ضمیر نے ہمیشہ بھلا جانا ہے، انھیں قائم کرے اور پروان چڑھائے اور جن برائیوں کو انسانیت ہمیشہ سے برا سمجھتی چلی آئی ہے اس کو رد کرے، اس دعوت پر جنھوں نے لبیک کہا ان کو جمع کر کے اس نے ایک امت بنائی، جس کا نام امت اسلامیہ رکھا۔ 
اخلاق کی بنیاد فطرت انسان ہے اور اس کا ذریعہ تقویٰ ہے، جو خدا اور بندے کے باہمی رشتے سے نہیں بلکہ ان تعلقات سے ہے جو انسانوں کے درمیان قائم ہوتے ہیں، قرآن شریف میں اور رسول اللہ ﷺ کی سنت میں میں ان باتوں کا تفصیل کے ساتھ ذکر ہے جو اللہ تعالیٰ کو پسند اور نا پسند ہیں۔ ان میں سے چند پسندیدہ صفات صبر کرنا، ہمیشہ سچا بولنا، عدل و انصاف کرنا، امانت  داری، معاف کرنا، اچھا سلوک کرنا، بھلائی کرنا، برابری، بھائی چارگی اور اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہنا ہے، نا پسندیدہ صفات میں لالچ، غرور و گھمنڈ، بخل کنجوسی، عیب نکالنا، چغل خوری، خیانت، جھوٹ، گندی باتیں کرنا، اپنے آپ کو کچھ سمجھنا، مشہور ہونے کی بہت زیادہ خواہش کرنا، تنگ نظری، تنگ ظرفی، فضول خرچی، غیبت، جلن، بغض، حسد، وعدہ خلافی، رشوت لینا دینا، فساد پھیلانا، نفاق، دھوکہ دھڑی، ذات پات، غصہ، احسان فراموشی، ذخیرہ اندوزی، ظلم، حق ہڑپ کر لینا اور فرض کی ہوئی چیزوں سے بھاگنا وغیرہ شامل ہیں۔ 
آج مسلم معاشرہ (society) میں اصلاح (Improvement)کی کس قدر ضرورت ہے محتاج بیان نہیں، سدھار اور اصلاح کا طریقہ یہی ہے کہ ہر انسان خود اپنا محاسبہ کرے، اپنے بیوی بچوں اور ما تحتوں کے کردار  و عمل کا جائزہ لے، دوسروں پر نکتہ چینی کرنے کے بجائے خود اپنے اوپر تنقید کرے، تلاش کر کے اپنی خامیاں غلطیاں نکالے اور ان کی اصلاح پر کمر بستہ ہو جائے تو معاشرہ کی اصلاح آسان ہو سکتی ہے۔ 
ہمارے لیے رسول اللہ ﷺ کی زندگی نمونۂ عمل ہے۔ ہم کو چاہیئے کہ ہم آپ ﷺ کی زندگی کے مطابق اپنی زندگی بنائیں اسی میں دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے۔ رسول اکر م ﷺ کی نمایاں خصوصیتوں میں سے ایک خصوصیت لوگوں کے ساتھ حسن معاشرت ہے، آپ معاشرت، نشست و برخاست میں لوگوں کے ساتھ ایسے ادب سے پیش آتے تھے کہ سخت مخالف کو بھی شرمندہ کر دیتے تھے اور نصیحت حاصل کرنے والے مؤمنین کی فضیلت میں اضافہ ہو جاتا تھا۔
ہم اس مختصر باب (Chapter)میں آپ ﷺ کے چند  آداب و اخلاق کو بیان کر رہے ہیں امید ہے کہ ہمارے لیے اصلاح کا باعث ہو گا۔ 

گفتگو

بات کرتے وقت کشادہ روئی اور مہربانی کو ظاہر کرنے والا تبسم(مسکراہٹ) آپ کے گفتگو کو میٹھااور دل نشیں بنا دیتا تھا روایت میں ہے کہ :
رسول اللہ ﷺ اکثر بات کرتے وقت تبسم فرماتے تھے ۔
ظاہر ہے کہ کشادہ روئی سے باتیں کرنے سے ہر ایک کو اس بات کا موقع ملتا تھا کہ وہ آپ ﷺ کی عظمت و منزلت سے مرعوب ہوئے بغیر نہایت اطمینان کے ساتھ آپﷺ سے گفتگو کرے، اپنے ضمیر کی آواز کو کھل کر بیان کرے اور اپنی حاجت و دل کی بات آپ ﷺ کے سامنے پیش کرے ۔
سامنے والے کی بات کو آپ ﷺ کبھی کاٹتے نہیں تھے ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کوئی آپ ﷺ سے گفتگو شروع کرے اور آپ ﷺ پہلے ہی اسکو خاموش کر دیں۔ 

مزاح

مؤمنین کا دل خوش کرنے کیلیے آنحضرت ﷺ کبھی مزاح بھی فرمایا کرتے تھے، لیکن تحقیر و تمسخر آمیز، ناحق اور ناپسندیدہ بات آپ ﷺ کی کلام میں نظر نہیں آتی تھی۔

بات کو دوہرانا

رسول خدا ﷺ کی گفتگو کی خصوصیت یہ تھی کہ آپ ﷺ بات کو اچھی طرح سمجھا دیتے تھے ۔
حضرت ابن عباس فرماتے ہیں : جب رسول اللہ ﷺ کوئی بات کہتے یا آپﷺ سے کوئی سوال ہوتا تھا تو تین مرتبہ دوہراتے تھے تاکہ سوال کرنے والا بہت اچھی طرح سے سمجھ جائے اور دوسرے لوگ حضور ﷺ کی گفتگو  کی طرف متوجہ ہو جائیں ۔

پیار و محبت

پیغمبر خدا ﷺ کو اپنے اصحاب و انصار سے بہت انس و محبت تھی ان کی بیٹھک میں شرکت کرتے اور ان سے گفتگو فرماتے تھے آپ ﷺ ان نشستوں میں مخصوص ادب کی رعایت فرماتے تھے ۔
محبت اور مہربانی پیغمبر اعظم ﷺ کا وہ اخلاقی اصول تھا جو آپ ﷺ کے معاشرتی معاملات میں ظاہر ہوتا تھا۔آپﷺ کے رحم و کرم  کا دائرہ اتنا وسیع تھا کہ تمام لوگوں کو اس سے فیض پہنچتا رہتا تھا گھر قریبی رشتہ داروں سے  لے کر اصحاب با وفا تک ساتھ ہی  بچے ، یتیم ، گناہگار، گمراہ اور دشمنوں کے قیدی افراد تک آپﷺ کی رحمت کے سایہ میں آ جاتے تھے۔ 

گھر والوں سے محبت و مہربانی

جب گھر کا ماحول پیار و محبت اور لطف و کرم سے سرشار ہوتا ہے تو وہ مستحکم ہو کر با فضیلت نسل کی ترقی و کامیابی  کا مرکز بن جاتا ہے۔ رسول خدا ﷺ گھر کے اندر محبت و مہربانی کا خاص اہتمام فرماتے تھے ، گھر کے اندر آپ ﷺ اپنے ہاتھوں سے کپڑے سیتے ، دروازہ کھولتے بھیڑ اور اونٹنی کا دودھ دوہتے جب کبھی آ پکا خادم تھک جاتا تو خود ہی جو یا گیہوں سے آٹا تیار کر لیتے ، رات کو سوتے وقت وضو کا پانی اپنے پاس رکھ کر سوتے ، گوشت کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کا کام خود انجام دیتے اور اپنے خاندان کی مشکلوں میں ان کی مدد کرتے 
اسی وجہ سے آپ ﷺ نے فرمایا :
یعنی تم میں سے بہترین وہ شخص ہے جو اپنے اہل کے ساتھ اچھا سلوک کرے اور میں  اپنے اہل کے ساتھ اچھا سلوک کرنے میں سب سے بہتر ہوں یا یہ کہ تم میں سے بہترین وہ شخص ہے جو اپنی عورتوں سے اچھا سلوک کرے اور میں  اپنی عورتوں سے اچھا سلوک کرنے میں سب سے بہتر ہوں ۔

خادم و نوکر کے ساتھ مہربانی

اپنے ماتحت افراد اور خدمتگاروں کے ساتھ آپ ﷺ کا محبت آمیز سلوک آپﷺ کی مہربانی کا ایک دوسرا رخ ہے۔ حضرت انس بن مالک کہتے ہیں کہ : '' میں نے دس سال تک حضرت ﷺ کی خدمت کی لیکن آپ ﷺ نے مجھ سے کلمہ '' اف'' تک نہیں فرمایا۔ اور یہ بھی کبھی نہیں کہا کہ تم نے فلاں کام کیوں کیا، یا فلاں کام کیوں نہیں کیا۔ 

اصحاب(دوستوں اور ساتھیوں ) سے محبت

پیغمبر اکرم ﷺ ملت اسلامیہ کے قائد(Leader)  ہونے کے ناطے مسلمانوں پر خلوص و محبت کی خاص بارش کیا کرتے تھے ۔ آپ ﷺ ہمیشہ اپنے اصحاب کے حالات معلوم کرتے اور ان کی حوصلہ افزائی کیا کرتے اور اگر تین دن کے اندر کسی ایک صحابی کو نہ دیکھتے تو اسکے حالات معلوم کرتے اور اگر یہ خبر ملتی تھی کہ کوئی سفر میں گیا ہوا ہے تو اس کے لیے دعا کرتے تھے اور اگر وہ وطن میں ہو تو ان سے ملاقات کیلیے تشریف لے جاتے۔ اگر وہ بیمار ہوتے تو ان کی عیادت کرتے تھے۔ 

بچوں اور یتیموں پر مہربانی

بچہ پاک فطرت (Nature)اور شفاف دل کا مالک ہوتا ہے اس کے دل میں ہر طرح کے بیج کے پھولنے پھلنے کی صلاحیت ہوتی ہے بچہ پر پیار و محبت اور اسکی صحیح تربیت اس کے اخلاق و آداب اور اندرونی صلاحیتوں کے پھلنے پھولنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، یہ بات ان یتیموں کے لیے اور بھی زیادہ موثر ہے جو بہت زیادہ پیار و محبت کے محتاج ہیں اور یہ چیز اندرونی الجھنوں کے سلجھانے کے لیے اور احساس کمتری کو دور کرنے میں بہت اہم اثر رکھتی ہے۔ 
رسول اعظم ﷺ کی زندگی میں رحمت و مہربانی نے اتنی وسعت حاصل کی کہ آپ ﷺ کی محبت نے تمام افسردہ اور غمگین لوگوں کو اپنے دامن میں چھپا لیا تھا بچوں اور یتیموں سے آپ ﷺ کا سلوک آپ ﷺ کی زندگی کا نہایت ہی روشن باب (Chapter)ہے ۔
رسول مقبول ﷺ کے پاس لوگ بچوں کو لاتے تھے تا کہ آپ ان کے لیے دعا کریں اور انکا نام رکھ دیں پیغمبر ﷺ بچے کو اپنی گود میں بٹھاتے تھے کبھی ایسا بھی ہوتا تھا کہ بچہ گود نجس کر دیتا تھا، جو لوگ حضرت ﷺ کے پاس ہوتے تھے وہ یہ دیکھ کر چلانے لگتے تھے لیکن نبی اکرم ﷺ فرماتے تھے کہ بچے کو ڈانٹ کر پیشاب کرنے سے نہ روکو اسے پیشاب کرنے دو تا کہ وہ پیشاب کر لے، جب دعا اور نام رکھنے کا کام ختم ہو جاتا تھا تو بچے کے وارث نہایت خوشی کے ساتھ بچے کو لے لیتے تھے ایسے موقع پر پیغمبر ﷺ کے چہرہ پر کبھی ناراضگی نہیں نظر آتی تھی رسول اکرم ﷺ اس کے بعد اپنا لباس پاک کر لیتے تھے ۔

گناہگاروں پر مہربانی

حضرت محمد مصطفی ﷺ باوجود اس کے کہ ایک اہم فریضہ اور رسالت کی بڑی ذمہ داری سنبھال رہے تھے مگر آپ ﷺ نے گنہگاروں کے ساتھ کبھی کسی متکبرانہ جابروں جیسا برتاؤ نہیں کیا بلکہ آپ ﷺ نے ہمیشہ ان کے ساتھ لطف و رحمت کا ہی سلوک کیا، ان کی گمراہی پر ایک شفیق باپ کی طرح رنجیدہ رہے اور ان کی نجات کے لیے آخری حد تک کوشش کرتے رہے اکثر ایسا ہوتا کہ گناہگار آپ ﷺ کے پاس آتے اپنے گناہ کا اعتراف کرتے تھے لیکن آنحضرت ﷺ کی کوشش یہی رہتی کہ لوگ اعتراف کرنے سے باز آ جائیں تا کہ حضور ان پر حد الہی جاری کرنے کے لیے مجبور نہ ہوں۔ 

دوسروں کے حقوق کا احترام

کسی بھی معاشرہ میں بنیادی بات یہ ہے کہ حقوق کی رعایت کی جائے اور ان کو پامال ہونے سے بچایا جائے پیغمبر اکرم ﷺ حق و عدالت قائم کرنے کے لیے اس دنیا میں تشریف لائے تھے آپ ﷺ کے سماجی کردار میں ایک بات یہ بھی تھی کہ آپ ﷺ دوسروں کے حقوق کا حدو درجہ احترام کیا کرتے تھے ۔
تاریخ کی کتابوں میں یہ بات منقول ہے کہ رسول اکرم ﷺ پر ایک یہودی کے چند دینار(عرب میں رائج اس وقت کے پیسے ) قرض تھے، ایک دن اس نے اپنے قرض کا مطالبہ (Demand)کیا حضرت ﷺ نے فرمایا: پیسے نہیں ہیں لیکن اس نے یہ عذر قبول نہیں کیا، آپ ﷺ نے فرمایا: ہم یہیں بیٹھ جاتے ہیں، پھر یہودی بھی وہیں بیٹھ گیا، یہاں تک کہ ظہر، عصر، مغرب، عشاء اور صبح کی نماز وہیں ادا کی۔ پیغمبر اسلام ﷺ کے اصحاب نے  یہودی کو ڈانٹا کہ تو نے رسول خدا ﷺ کو کیوں بٹھا رکھا ہے ؟ لیکن آپ ﷺ نے منع کیا اور فرمایا : کہ خدا نے ہمیں اس لیے بھیجا ہے کہ جو امن و امان میں ہے اس پر یا اس کے علاوہ اور کسی پر ستم نہ کیا جائے، جب صبح ہوئی اور سورج ذرا بلند ہوا تو یہودی نے اسلام قبول کر لیا  اور پھر اس نے اپنا آدھا مال اللہ کی راہ میں دے دیا اور کہا میں یہ دیکھنا چاہتا تھا کہ پیغمبر آخر الزمان ﷺ کے لیے جو صفتیں بیان ہوئی ہیں وہ آپ ﷺ میں ہیں یا نہیں ہیں، توریت میں بیان ہوا ہے کہ ان کی جائے پیدائش(Birth place)  مکہ، محل ہجرت (Immigration place) مدینہ ہے، وہ اچھے اخلاق والے ہوں گے بلند آواز سے اور چیخ کر باتیں نہیں کریں گے اپنی زبان سے فحش اور گندی باتیں نہیں کریں گے ۔ میں نے دیکھا کہ یہ ساری باتیں آپ ﷺ میں موجود ہیں اور اب یہ آدھا مال آپ ﷺ کے اختیار میں ہے ۔(1)

ضرورت پوری کرنا

ضرورت مندوں کی ضرورت پوری کرنا اور ان کی مشکلات حل کرنا پیغمبر ﷺ کے عملی منصوبوں کا جزء اور اخلاقی خصوصیات کا حصہ تھا پیغمبر ﷺ نے کبھی کسی سائل((Beggar کے سوال کو رد نہیں کیا۔ 

ایک دوسرے کی مدد کرنا

حضور اکرم ﷺ ایک ایسے رہبر تھے جو خود انسان تھے، انہیں کے درمیان پیدا ہوئے تھے، آپ ﷺ امت سے جدا نہیں تھے کہ اپنے پیروکاروں کو رنج و الم میں چھوڑ دیں اور خود آرام و آسائش کی زندگی گزاریں بلکہ ہمیشہ آپ ﷺ ہر میدان میں خود آگے رہے خوشی اور غم میں سب کے شریک اور سعی و کشش میں دوسروں کے دوش بدوش رہتے اور دشواریوں میں جان کی بازی لگا دیتے تھے۔ 

اب ہم آپ کے چند اقوال (Statement)پیش کر رہے ہیں جو ہمارے لیے کامیابی کی ضمانت ہے۔ 
•	جو شخص اللہ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے اس کو چاہیے کہ اچھی بات کہے یا خاموش رہے۔ 
•	سب سے زیادہ مکمل وہ شخص وہ ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہوں اور جس کا برتاؤ اپنے گھر والوں کے ساتھ سب سے زیادہ نرم ہو۔ 
•	ایک گھڑی انصاف ( برسوں برس) کی عبادت سے بہت ہے۔ 
•	وہ آدمی بے دین ہے جس میں دین داری نہیں۔ 
•	وہ آدمی بھی بے دین ہے جس میں عہد کی پابندی نہیں۔ 
•	جو لوگ میانہ روی اختیار کرتے ہیں، کسی کے محتاج نہیں ہوتے۔ 
•	برے لوگوں کی صحبت  سے بچا کرو۔ 
•	انسان کی سمجھ داری یہ ہے کہ وہ کفایت شعار ہو۔ 
•	مکر، دھوکا اور خیانت کرنے والا دوزخ میں جائے گا۔ 
•	عورت کی عزت شریف اور عزت والے لوگ ہی کرتے ہیں، اور اس کی توہین اور بے عزتی کمینے اور گھٹیا لوگ کے سوا کوئی نہیں کرتا۔ 
•	عورتو ں میں سب سے اچھی عورت وہ ہے جسے اس کا شوہر دیکھے تو خوش ہو جائے۔ 
•	( اللہ کو ماننے کے بعد) بہترین عقلمندی انسانوں سے محبت کرنا ہے۔ 
•	بلند ہمتی ایمان کی علامت ہے۔ 
•	خدا بلند کاموں کو پسند اورگھٹیا کاموں کو ناپسند کرتا ہے۔ 
•	دولت مند پر حسد و جلن نہ کرو کیوں کہ دولت کی لذت ختم ہونے والی ہے۔ 
•	اللہ تعالیٰ کے نزدیک بہترین دوست وہ ہے جو اپنے دوست کی بھلائی چاہتا ہو۔ 
•	جو شخص عیب جوئی کرتا ہے اور لوگوں پر آوازیں کستا ہے اس کے لیے بڑی بربادی ہے۔ 
•	جو کوئی اللہ پر توکل(بھروسہ ) رکھے گا اللہ اس کے لیے کافی ہو گا۔ 
•	سب سے زیادہ نیکی کا کام اپنے دوستوں اور ہم نشینوں کی عزت کرنا ہے۔ 
•	امانت داری سے رزق بڑھتا ہے، خیانت سے غریبی آتی  ہے۔ 
•	سادگی ایمان کی علامت ہے۔ 
•	خود کو مظلوم کی بدعا سے بچاؤ، اس لیے کہ وہ خدا سے صرف اپنا حق مانگتا ہے اور خدا حق دار کو اپنا حق مانگنے سے نہیں روکتا۔ ( یعنی اسے اس کا حق ضرور دیتا ہے۔ )
•	وہ آدمی  کامل مومن نہیں ہو سکتا جو خود تو پیٹ بھر کر کھانا کھا لے لیکن اس کا پڑوسی بھوکا رہے۔ 
•	نیکی اچھی باتوں کا نام ہے اور گناہ وہ ہے جو تمھارے دل میں خلش پیدا کرے اور تو اس بات کو برا سمجھے کہ لوگ اس کو جان لیں  گے۔ 
•	شرم و حیا ایمان کی ایک شاخ ہے۔ 
•	جو شخص جھوٹی قسم کھائے اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنائے۔ 
•	تم میں سے اچھے لوگ وہی ہیں جو اپنی بیویوں کے ساتھ اچھا سلوک کرتے ہیں۔ 
•	جو آدمی جائز طریقہ سے روپیہ کما کر اس لیے جمع  کرے کہ کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے اور اپنے بال بچوں اور پڑوسیوں پر خرچ کرے وہ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ سے اس طرح ملے گا کہ اس کا چہرہ چودھویں کے چاند  کی طرح چمک رہا ہو گا۔ 
•	دولت خرچ کرتے رہو، روکو مت، ورنہ ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ بھی دولت کے دروازے تم پر بند کر دے۔ 
•	جہالت سے بڑھ کر کوئی غریبی نہیں، عقل سے بڑھ کر کوئی دولت نہیں، وحشت (جانور کی طرح سلوک کرنا )سے بڑھ کر کوئی تکبر نہیں۔ 
•	اللہ فساد کو پسند نہیں کرتا اس لیے زمین پر فساد نہ کرو۔ 
•	سخی، گنہگار، اللہ تعالیٰ کے نزدیک کنجوس عبادت کرنے والے  سے بہتر ہے۔ 
•	سردار بننے سے پہلے علم حاصل کرو۔ 
•	تمام بری خصلتوں میں سب سے بری دو خصلتیں ہیں اور وہ ہیں بہت زیادہ کنجوسی اور بہت زیادہ بز دلی۔ 
•	جس طرح اللہ نے تم پر احسان کیا ہے اس طرح تم بھی لوگوں پر احسان کرو۔ 
•	جو اللہ تعالیٰ اور قیامت کے دن  پر یقین رکھتا ہے اسے کہہ دو پڑوسی کا خیال رکھے اور اس کی عزت کرے۔ 
•	نیکی اور پرہیزگاری میں ایک دوسرے کی مدد کرو اور برائی اور فساد میں کسی کا ساتھ نہ دو۔ 
•	 وہ آدمی جو نرم مزاج اور اچھے اخلاق والا ہے۔ اس پر دوزخ کی آگ  حرام ہے۔ 
•	ہر مسلمان مرد اور عورت پر علم حاصل کرنا فرض ہے۔ 
•	آپس میں خوب سلام کرو محبت بڑھے گی۔ 
•	جو چیز تم اپنے لیے پسند نہیں کرتے اپنے مسلمان بھائی کے لیے پسند مت کرو۔ 
•	جو چیز اولاد کے لیے بازار سے لائے پہلے لڑکی کو دے، پھر لڑکے کو۔ 




سچی کہانیاں 

حضرت آدم علیہ السلام

حضرت آدم علیہ السلام کے نہ ماں ہیں نہ باپ بلکہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو مٹی سے بنایا ہے۔ آپ کی کنیت(Nick-name) ابو البشر اور آپ کا لقب ’’خلیفۃ اللہ ‘‘ ہے اور آپ سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کے نبی ہیں۔ آپ نے نو سو ساٹھ برس کی عمر پائی اور بوقت وفات(time of death) آپ کی اولاد کی تعداد ایک لاکھ ہو چکی تھی۔ جنھوں نے طرح طرح کی کارناموں اور عمارتوں سے زمین کو آباد کیا۔ 
جب حضرت آدم علیہ السلام کو خداوند قدوس نے جنت میں رہنے کا حکم دیا تو آپ جنت میں تنہائی کی وجہ سے کچھ ملول ہوئے تو اللہ تعالیٰ نے آپ پر نیند کا غلبہ فرما دیا اور آپ گہری نیند سو گئے تو نیند کی حالت میں آپ کی بائیں سب سے چھوٹی پسلی کو اللہ تعالیٰ نے آپ کے بدن سے جدا کر دیا اور اس ہڈی کی جگہ گوشت پیدا فرما دیا پھر اسی پسلی کی ہڈی سے حضرت حوا کو پیدا فرما دیا۔ اسی لیے ہر مرد کے دائیں طرف اٹھارہ پسلیاں اور بائیں طرف ایک کم یعنی سترہ پسلیاں ہیں۔ 
پسلی کے جدا ہونے سے حضرت آدم علیہ السلام کو کوئی تکلیف نہیں ہوئی بلکہ آپ کو کوئی احساس بھی نہیں ہوا کہ میری ایک پسلی جدا ہو گئی ہے جب آپ نیند سے بیدار ہوئے تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ایک نہایت ہی خوبصورت اور حسین و جمیل عورت آپ کے پاس بیٹھی ہوئی ہے۔ آپ نے ان سے فرمایا کہ تم کون ہو؟ کس لیے یہاں آئی ہو؟ تو حضرت حوا نے جواب دیا کہ میں آپ کی بیوی ہوں اور اللہ تعالیٰ نے مجھے اس لیے پیدا فرمایا ہے تاکہ آپ کو مجھ سے انس اور سکون قلب حاصل ہو اور مجھے آپ سے انسیت اور تسکین ملے اور ہم دونوں ایک دوسرے سے مل کر خوش رہیں۔ اور پیار و محبت کے ساتھ زندگی بسر کریں اور خداوند قدوس کی نعمتوں کا شکریہ ادا کرتے رہیں۔ 
جب اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ السلام کو اپنی خلافت سے سرفراز فرمانے کا ارادہ فرمایا تو اس سلسلے میں اللہ تعالیٰ اور فرشتوں میں جو گفتگو ہوئی اور بہت ہی تعجب خیز ہونے کے ساتھ ساتھ نہایت ہی فکر انگیز و عبرت آموز بھی ہے جو حسب ذیل ہے۔ 
اللہ تعالیٰ :	اے فرشتو! میں زمین میں ایک اپنا خلیفہ بنانے والا ہوں جو میرا نائب بن کر زمین میں میرے احکام (Commandments)کو نافذ(Apply) کرے گا۔ 
فرشتے :	اے  باری تعالیٰ ! کیا تو زمین میں ایسے شخص کو اپنی خلافت و نیابت کے شرف سے سرفراز فرمائے گا جو زمین میں فساد برپا کرے گا اور قتل و غارت گری سے خون بہائے گا۔ 
اے اللہ ! اس شخص سے زیادہ تیری خلافت کے حق دار تو ہم فرشتوں کی جماعت ہے کیوں ہم نہ زمین میں فساد پھیلائیں گے نہ خون ریزی کریں گے بلکہ ہم تیری حمد و ثنا کے ساتھ تیری سبوحیت کا اعلان اور تیری قدوسیت اور پاکی  کا بیان کرتے رہتے ہیں اور تیری تسبیح و تقدیس سے ہر وقت و ہر گھڑی لگے رہتے ہیں اس لیے ہم فرشتوں کی جماعت ہی میں سے کسی کے سر پر اپنی خلافت و نیابت کا تاج رکھ کر اس کو ’’ خلیفۃ اللہ‘‘ کے معزز لقب (Revered Title)سے نواز دے۔ 
اللہ تعالیٰ : 	اے فرشتوں آدم (علیہ السلام ) کے خلیفہ بنانے میں جو حکمتیں اور مصلحتیں (Philosophies)  ہیں ان کو میں ہی جانتا ہوں تم فرشتے ان حکمتوں اور مصلحتوں کو نہیں جانتے۔ 
فرشتے اللہ تعالیٰ کے اس ارشاد کو سن کر اگرچہ(بھلے ہی) خاموش ہو گئے مگر انھوں نے اپنے دل میں یہ خیال چھپائے رکھا کہ اللہ تعالیٰ چاہے جس کسی کو بھی اپنا خلیفہ بنا دے مگر وہ فضل و کمال میں ہم فرشتوں سے بڑھ کر نہ ہو گا کیوں کہ ہم فرشتے فضیلت کی جس منزل پر ہیں وہاں تک کسی مخلوق کی بھی رسائی نہ ہو سکے گی۔ اس لیے فضیلت کے تاج دار بہر حال ہم فرشتوں کی جماعت ہی رہے گی۔ 
اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ السلام کو پیدا فرما کر تمام چھوٹی بڑی چیزوں کا علم ان کو عطا فرمایا اس کے بعد پھر اللہ تعالیٰ اور فرشتوں کی حسب ذیل گفتگو ہوئی۔ 
اللہ تعالیٰ : 	اے فرشتو! اگر تم اپنے اس دعوی میں سچے ہو کہ تم سے افضل کوئی دوسری مخلوق نہیں ہو سکتی تو تم ان تمام چیزوں کے نام بتاؤ جن کو میں نے تمھارے پیش نظر (سامنے )کر دیا ہے۔ 
فرشتے : 	اے اللہ تعالیٰ ! تو ہر نقص و عیب سے پاک ہے ہمیں تو بس اتنا ہی علم ہے جو تو نے ہمیں عطا فرما دیا اس کے سوا ہمیں اور کسی چیز کا کوئی علم نہیں ہم یقین سے یہ جانتے اور مانتے ہیں کہ بلا شک و شبہ علم و حکمت کا خالق و مالک تو صرف تو ہی ہے۔ 
پھر اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ السلام کو مخاطب (Address)فرما کر ارشاد فرمایا کہ اے آدم تم ان فرشتوں کو تمام چیزوں کے نام بتا دو, تو حضرت آدم علیہ السلام نے ان تمام چیزوں کے نام اور ان کی حکمتوں کا علم فرشتوں کو بتا دیا جس کو سن کر فرشتے حیرت زدہ رہ گئے۔ 
اللہ تعالیٰ : 	اے فرشتو ! کیا میں نے تم سے یہ نہیں فرمایا تھا کہ میں آسمان و زمین کی تمام چھپی ہوئی چیزوں کو جانتا ہوں اور تم جو علانیہ یہ کہتے تھے کہ آدم (علیہ السلام) فساد برپا کریں گے اس کو بھی میں جانتاہوں اور تم جو خیالات اپنے دلوں میں چھپائے ہوئے تھے کہ کوئی مخلوق تم سے بڑھ کر افضل نہیں پیدا ہو گی میں تمھارے دلوں میں چھپے ہوئے ان خیالات کو بھی جانتا ہوں۔ 
پھر حضرت آدم علیہ السلام کے فضل و کمال کے اظہار و اعلان کے لیے اور فرشتوں سے ان کی عظمت و فضیلت کا اعتراف(Confess) کرانے کے لیے اللہ تعالیٰ نے سب فرشتوں کو حکم فرمایا کہ تم سب آدم کو سجدہ کرو۔ تو سب فرشتوں نے آپ کو سجدہ کیا لیکن ابلیس نے سجدہ سے انکار کر دیا اور تکبر کیا تو کافر ہو کر مردود بارگاہ ہو گیا۔ 
ابلیس کیا تھا اور کیا ہو گیا؟
ابلیس جس کو شیطان کہا جاتا ہے۔ یہ فرشتہ نہیں تھا بلکہ جن تھا جو آگ سے پیدا ہوا تھا لیکن یہ فرشتوں کے ساتھ ملا جلا رہتا تھا اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں  بہت مقرب اور بڑے بڑے بلند درجات و مراتب سے سرفراز تھا۔ 
لیکن جب اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ السلام کو سجدہ کرنے کا حکم دیا تو ابلیس نے انکار کر دیا اور حضرت آدم علیہ السلام کو خاک کا پتلا کہہ کر ان کی توہین کی اور اپنے کو آتشی مخلوق کہہ کر اپنی بڑائی اور تکبر کا اظہار کیا اور حضرت آدم علیہ السلام کو سجدہ کرنے سے انکار کر دیا۔ اسی جرم کی سزا میں اللہ تعالیٰ نے اس کو مردود بارگاہ کر کے دونوں جہاں میں ملعون فرما دیا اور اس کو اور اس کی پیروی (Follow)کرنے والوں کو جہنم میں عذاب نار کا مستحق بنا دیا۔ 
در حقیقت (in fact)شیطان کے اس انکار کا باعث (Reason)اس کا تکبر اور حسد (جلن)تھا اس سے یہ سبق ملتا ہے کہ تکبر اور حسد وہ بری چیز ہے کہ بڑے سے بڑے بلند مراتب اور درجات والے کو ذلت کے عذاب میں گرفتار کر دیتی ہے۔ 
اللہ تعالیٰ نے فرمایا اے ابلیس کس چیز نے تجھے سجدہ کرنے سے روکا جبکہ میں نے تجھے حکم دیا تھا، وہ بولا کہ میں آدم سے بہتر ہوں کیوں کہ تو نے مجھے آگ سے پیدا کیا اور اس کو مٹی سے بنایا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ تو یہاں سے اتر جا تجھے کوئی حق نہیں پہنچتا کہ تو یہاں رہ کر تکبر و غرور کرے، نکل جا، تو ذلت والوں میں سے ہے۔ ابلیس بولا کہ تو مجھے قیامت کے دن تک کی مجھے مہلت دے دے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا تجھے مہلت ہے۔ پھر وہ بولا، قسم اس کی کہ تو نے مجھے گمراہ کیا میں ضرور تیرے سیدھے راستے پر تیرے بندوں کی تاک میں بیٹھوں گا، پھر ان کے آگے پیچھے اور بائیں دائیں سے ان کے پاس آؤں گا اور بہکاؤں گا۔ پھرتو اکثر بندوں کو شکر گزار نہ پائے گا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا اے شیطان تو یہاں سے نکل جا تو مردود ہے۔ جو میرے بندوں میں سے تیرے کہے پر چلے گا، میں ضرور تم سبھوں سے جہنم کو بھر دوں گا۔ 
پھر اس کے بعد حضرت آدم اور حضرت حوا علیہما السلام بہت ہی آرام اور چین کے ساتھ جنت میں رہتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرما دیا تھا کہ جنت کا جو پھل بھی چاہو بے روک ٹوک سیر ہو کر تم دونوں کھا سکتے ہو۔ مگر صرف ایک درخت (Tree)کا پھل مت کھانا۔ چنانچہ دونوں اس اس درخت سے مدت دراز (Long  period)تک بچتے رہے لیکن ان دونوں کا دشمن ابلیس برابر تاک میں لگا رہا۔ آخر اس نے ایک دن اپنا وسوسہ ڈال ہی دیا اور قسم کھا کر کہا کہ میں تم دونوں کا خیر خواہ ہوں اور اللہ تعالیٰ نے جس درخت سے تم دونوں کو منع کر دیا ہے وہ وہ ’’شجرۃ الخلد‘‘ ہے یعنی جو اس درخت کا پھل کھا لے گا وہ کبھی جنت سے نہیں نکالا جائے گا۔ پہلے حضرت حوا اس شیطانی وسوسہ کا شکار ہوئیں اور انھوں نے حضرت آدم علیہ السلام کو بھی اس پر راضی کر لیا اور وہ اچانک غیر ارادی طور پر اس درخت کا پھل کھا گئے۔ 
آپ نے اپنے اجتہاد سے یہ سمجھ لیا کہ اس درخت کے قریب نہ جانے کی ممانعت(Prohibition) تحریمی نہیں ہے۔ ورنہ نبی تو ہر گناہ سے معصوم ہوتا ہے، بہر حال حضرت آدم علیہ السلام سے اس سلسلے میں اجتہادی خطا سرزد ہو گئی اور اجتہادی خطا معصیت نہیں ہوتی۔ 
در اصل حضرت آدم علیہ السلام اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں بہت مقرب اور بڑے بڑے درجات پر فائز تھے اس لیے اجتہادی خطا پر بھی مورد عتاب ہو گئے فوراً ہی جنتی لباس دونوں کے بدن سے اتر گئے اور یہ دونوں جنت کے پتوں سے اپنا ستر چھپانے لگے اور اللہ تعالیٰ کا حکم ہو گیا کہ تم دونوں جنت سے زمین پر اتر پڑو۔ اس وقت اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ السلام سے دو خاص باتیں ارشاد فرمائیں۔ ایک تو یہ کہ تمھاری اولاد میں بعض کا بعض دشمن ہو گا کہ ہمیشہ آپس میں انسانوں کی دشمنی چلتی رہے گی دوسری یہ کہ عمر بھر تم دونوں کو زمین میں ٹھہرنا ہے پھر اس کے بعد ہماری طرف لوٹ کر آنا ہے۔ 
حضرت آدم علیہ السلام نے جنت سے زمین پر آنے کے بعد تین سو برس تک ندامت (repent)کی وجہ سے سر اٹھا کر آسمان کی طرف نہیں دیکھا اور روتے ہی رہے، استغفار  و معافی کرتے رہے، پھر آپ نے یہ دعا کی ’’سُبُحَانَکَ اَللّٰھُمَّ وَ بِحَمُدِکَ وَ تَبَارَکَ اسُمُکَ وَ تَعَالٰی جَدُّکَ لَا اِلٰہَ اِلَّا اَنُتَ ظَلَمُتُ نَفُسِیُ فَاغُفِرُلِیُ اِنَّہٗ لاَ یَغُفِرُ الذُّنُوُبَ اِلَّا اَنُتَ‘‘ یعنی اے اللہ ! میں تیری حمد کے ساتھ تیری پاکی بیان کرتا ہوں تیرا نام برکت والا ہے اور تیری بزرگی بہت ہی بلند مرتبہ ہے اور تیرے سوا کوئی معبود نہیں میں نے اپنی جان پر ظلم کیا تو مجھے معاف کر دے کیوں تیرے سوا کوئی نہیں جو گناہوں کو معاف کرے۔ 
جب حضرت آدم علیہ السلام کو زمین پر اتار دیا گیا  تو آپ توبہ کی فکر میں حیران تھے اچانک اس پریشانی کے عالم میں یاد آیا کہ پیدائش کے وقت میں نے سر اٹھا کر دیکھا کہ عرش پر لکھا ہوا ہے ’’ لاَ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ مُحَمَّدٌ رَسُوُلَ اللہِ‘‘اسی وقت میں نے سمجھ لیا تھا کہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں وہ مرتبہ کسی کو حاصل نہیں جو محمد ﷺ کو ہے۔ کیوں کہ اللہ تعالیٰ نے ان کا نام اپنے نام  کے ساتھ ملا کر عرش پر مکتوب (Written)فرمایا ہے۔ لہذا آپ نے اپنی دعا کے ساتھ یہ عرض کیا  ’’اَللّٰھُمَّ اِنِیُ اَسُئَلُکَ بِجَاہِ مُحَمَّدٍ عَبُدِکَ وَ کَرَامَتِہٖ عَلَیُکَ اَنُ تَغُفِرَلِیُ خَطِیُئَتِیُ۔ ‘‘ یعنی اے اللہ تیرے بندۂ خاص محمد ﷺ کے جاہ و مرتبہ کے طفیل میں اور ان کی بزرگی کے صدقے میں جو انھیں تیرے دربار میں حاصل ہے۔ میں تجھ سے دعا کرتا ہوں کہ تو میرے گناہ کو معاف کر دے۔ 
یہ دعا کرتے ہی اللہ تعالیٰ نے ان کی مغفرت فرمائی اور توبہ مقبول ہوئی۔ 

اسلام اور سادہ زندگی

ایک دن اللہ کے رسول ﷺ نے وعظ(exhortation) فرما یا اور قیامت کی سختیوں کا اس انداز میں بیان فرمایا کہ سامعین (Audience)متاثر ہو کر ہچکیاں لے لے کر رونے لگے اور لوگوں کے دل دہل گئے اور لوگ اس قدر خوف زدہ ہو گئے کہ دس جلیل صحابہ کرام حضرت عثمان بن مظعون کے مکان پر جمع ہوئے جن میں حضرت ابو بکر صدیق حضرت علی حضرت عبد اللہ بن مسعود وغیرہ تھے اور ان حضرات نے آپس میں مشورہ کر کے یہ منصوبہ بنایا کہ اب آج سے ہم لوگ سادھو بن کر زندگی بسر کریں گے، ٹاٹ وغیرہ کے موٹے کپڑے پہنیں گے اور روزانہ دن بھر روزے رکھ کر ساری رات عبادت کریں گے بستر پر نہیں سوئیں گے اور اپنی عورتوں سے الگ رہیں گے اور گوشت اور گھی اور لذیذ غذا بھی نہیں کھائیں گے اور نہ کوئی خوشبو لگائیں گے اور سادھو بن  کر ساری زمین پر  گھومتے پھریں گے۔ 
جب حضور اقدس ﷺ کو صحابہ کرام کے اس منصوبہ کی خبر ملی تو آپ نے حضرت عثمان بن مظعون سے فرمایا کہ مجھے ایسی ایسی خبر معلوم ہوئی ہے تم بتاؤ کہ کیا واقعہ ہے ؟ تو حضرت عثمان بن مظعون نے اپنے ساتھیوں کو لے کر آپ کی بارگاہ  میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ یا رسول اللہ ! حضور کو جو خبر ملی ہے وہ بالکل صحیح ہے اور اس منصوبہ سے نیکی اور خیر و بھلائی کے علاوہ کوئی دوسرا مقصد نہیں ہے۔ یہ سن کر حضور اقدس ﷺ سخت ناراض ہو گئے اور فرمایا میں جو دین لے کر آیا ہوں اس میں ان باتوں کا حکم نہیں ہے۔ سنو تمھارے اوپر تمھاری جانوں کا بھی حق ہے لہذا کچھ دنوں روزہ رکھو اور کچھ دنوں میں کھاؤ پیو۔ رات کے کچھ حصے میں جاگ کر عبادت کرو اور کچھ حصہ میں سوؤ بھی۔ دیکھو میں اللہ کا رسول ہو کر کبھی روزہ رکھتا ہوں اور کبھی روزہ نہیں بھی رکھتا ہوں اور، گوشت، چربی،گھی بھی کھاتا ہوں اچھے کپڑے بھی پہنچتا ہوں اور اپنی بیویوں سے بھی تعلق رکھتا ہوں اور خوشبو بھی استعمال کرتا ہوں یہ میری سنت ہے اور جو مسلمان میری سنت سے منھ موڑے گا وہ میرے طریقے اور میرے فرماں برداروں سے نہیں ہے۔ اس کے بعد صحابہ کرام کا ایک مجمع جمع فرما کر آپ نے نہایت ہی موثر وعظ بیان فرمایا جس میں آپ نے صاف طور پر  یہ ارشاد فرمایا کہ سن لو، میں تمھیں اس کا حکم نہیں دیتا کہ تم لوگ سادھو بن کر راہبانہ زندگی بسر کرو، میرے دین میں گوشت وغیرہ لذیذ غذاؤں اور عورتوں کو چھوڑ کر اور تمام دنیاوی کاموں سے قطع تعلق رہ کر سادھوؤں کی طرح کسی کٹی یا پہاڑ کی کھوہ میں بیٹھے رہنا یا زمین میں گشت لگانا ہرگز ہرگز نہیں ہے۔ 

نوح علیہ السلام 

حضرت نوح علیہ السلام آپ اللہ تعالیٰ کے نبی ہیں۔ حضرت آدم کے بعد آپ پہلے نبی ہیں جن کو رسالت سے نوازا گیا ہے۔ آپ نے ایک ہزار سال کی عمر پائی جس میں سے ساڑھے نو سو برس تک اپنی قوم کو خدا کا پیغام سناتے رہے مگر ان کی بد نصیب قوم ایمان نہیں لائی، بلکہ طرح طرح سے ستاتی رہی، یہاں تک کہ کئی بار ان ظالموں نے آپ کو اس قدر زود و کوب(مارا پیٹا) کیا کہ آپ کو مردہ خیال کر کے کپڑوں میں لپیٹ کر مکان میں ڈال دیا مگر آپ پھر مکان سے نکل کر دین کی تبلیغ فرمانے لگے اس طرح بار ار آپ کا گلا گھونٹتے رہے یہاں تک کہ آپ کا دم گھٹنے لگتا اور آپ بے ہوش ہو جاتے مگر ان پریشانیوں اور مصیبتوں پر بھی آپ یہی دعا فرمایا کرتے تھے کہ اے میرے پروردگار ! تو میری قوم کو معاف کر دے اور ہدایت عطا فرما کیوں یہ مجھ کو نہیں جانتے۔ 
اور قوم کا یہ حال تھا کہ ہر بوڑھا باپ اپنے بچوں کو یہ وصیت کر کے مرتا تھا کہ نوح ( علیہ السلام) بہت پرانے پاگل ہیں اس لیے کوئی ان کی باتوں کو نہ سنے اور نہ ان کی باتوں پر دھیان دے یہاں تک کہ ایک دن یہ وحی نازل ہو گئی کہ اے نوح اب تک جو لوگ مومن ہو چکے ہیں ان کے سوا اور دوسرے لوگ کبھی ہرگز ہرگز ایمان نہیں لائیں گے۔ اس کے بعد آپ اپنی قوم کے ایمان لانے سے ناامید ہو گئے اور پھر آپ نے اس قوم کی ہلاکت کے لیے دعا فرما دی اور اللہ تعالیٰ نے آپ کو حکم دیا کہ آپ ایک کشتی تیار کریں۔ چنانچہ آپ نے درختوں کی لکڑیوں سے ایک کشتی بنائی جو ۸۰ گز لمبی اور پچاس گز چوڑی تھی اور اس میں تین درجے (Category)تھے نچلے طبقے (Lower class)میں درندے، پرندے، اور حشرات الارض(Insects) وغیرہ اور درمیان طبقے (Middle class)میں چوپائے وغیرہ جانوروں کے لیے اور بالائی طبقے (Upper class) میں خود اور مومنین کے لیے جگہ بنائی اس طرح یہ شاندار کشتی آپ نے بنائی جو آپ کی اور مومنوں کی محنت اور کاریگری کا ثمرہ (Result)تھی انھوں نے بے پناہ محنت کر کے یہ کشتی بنائی تھی۔ 
جب آپ کشتی بنانے میں مصروف تھے تو آپ کی قوم آپ کا مذاق اڑاتی تھی۔ کوئی کہتا اے نوح !اب تم بڑھئی بن گئے ؟ حالاں کہ پہلے تم کہا کرتے تھے کہ میں اللہ کا نبی ہوں، کوئی کہتا کہ اے نوح اس خشک زمین میں تم کشتی کیوں بنا رہے ہو؟ کیا تمھاری عقل ماری گئی ہے۔ غرض طرح طرح کا تمسخر اور ٹھٹھا کرتے اور قسم قسم کی طعنہ بازیاں اور بد زبانیاں کرتے رہتے تھے اور آپ ان کے جواب میں یہی فرماتے تھے کہ آج تم ہم سے مذاق کرتے ہو، لیکن مت گھبراؤ جب خدا کا عذاب طوفان کی صورت میں آ جائے گا تو ہم تمھارا مذاق اڑائیں گے۔ 
یوں تو اللہ تعالیٰ نے حضرت نوح علیہ السلام کو دو سو برس پہلے ہی بذریعہ وحی مطلع (Inform)کر دیا تھا کہ آپ کی قوم طوفان میں غرق (Sink)کر دی جائے گی مگر طوفان آنے کی نشانی یہ مقرر فرما  چواِقْرَاأooکرنا اور تلاش خدا                                                                                                 دی تھی کہ آپ کے گھر کے تنور سے پانی ابلنا شروع ہو گا۔ چنانچہ پتھر کے اس تنور سے ایک دن صبح کے وقت پانی ابلنا شروع ہو گیا اور آپ نے کشتی پر جانوروں اور انسانوں کو سوار کرانا شروع کر دیا۔ پھر زور دار بارش ہونے لگی جو مسلسل (Constant)چالیس دن اور چالیس رات موسلا دھار برستی رہی اور زمین بھی جگہ جگہ شق (پھٹ)ہو گئی اور پانی کے چشمے پھوٹ کر بہنے لگے اس طرح بارش اور زمین سے نکلنے والے پانیوں سے ایسا طوفان آگیا کہ چالیس گز اونچے پہاڑوں کی چوٹیاں ڈوب گئیں۔ 
جب طوفان آگیا تو آپ نے کشتی میں درندوں، چرندوں اور پرندوں اور قسم قسم کے حشرات الارض کا ایک ایک جوڑا نر و مادہ سوار کرا دیا اور خود آپ اور آُ کے تینوں فرزند یعنی حام و سام و یافث اور ان تینوں کی بیویاں اور آپ کی مومنہ بیوی اور بہتر مومنین مرد و عورتیں کل اسی انسان کشتی میں سوار ہو گئے اور آپ کی ایک بیوی ’’واعلہ‘‘ جو کافرہ تھی اور آپ کا ایک لڑکا جس کا نام کنعان تھا یہ دونوں کشتی میں سوار نہیں ہوئے اور طوفان میں غرق ہو گئے۔ 
طوفان میں کشتی والوں کے سوا ساری قوم اور کل مخلوق غرق ہو کر ہلاک ہو گئی اور آپ کی کشتی ’’جودی پہاڑ‘‘ (Mount Cudi)پر جا کر ٹھہر گئی اور طوفان ختم ہونے کے بعد آپ کشتی والوں کے ساتھ زمین پر اتر پڑے اور آپ کی نسل میں بے پناہ برکت ہوئی کہ آپ کی اولاد روئے زمین میں پھیل کر آباد ہو گئی اسی لیے آپ کا لقب ’’ آدم ثانی ‘‘ ہے۔ اس طوفان کے بعد آپ ۵۰ برس حیات (Live) رہے۔ 

اصحاب فیل و لشکر ابابیل

یمن و حبشہ کا بادشاہ ’’ابرہہ ‘‘تھا۔ اس نے شہر صنعاء میں ایک گرجا گھر(Church) بنایا تھا۔ اور اس کی خواہش تھی کہ حج کرنے والے بجائے مکہ مکرمہ کے صنعاء میں آئیں اور اسی گرجا گھر کا طواف کریں۔ اور یہیں حج کا میلہ ہوا کرے۔ عرب خصوصاً قریشیوں کو یہ بات بہت شاق گزری۔ چنانچہ قریش کے قبیلہ بنو کنانہ کے ایک شخص نے آپے سے باہر ہو کر صنعاء کا سفر کیا اور ابرہہ کے گرجا گھر میں داخل ہو کر پیشاب پاخانہ کر دیا۔ اور اس کے درو دیوار کو گندہ  کر ڈالا۔ اس حرکت پر ابرہہ بادشاہ کو بہت غصہ آیا۔ اور اس نے کعبہ شریف کو ڈھا دینے کی قسم کھائی۔ اور اسی ارادہ سے اپنا لشکر لے کر روانہ ہو گیا۔ اس لشکر میں بہت سے ہاتھی تھے اور ان میں سب سے آگے  ایک بہت بڑا پہاڑ کی طرح ہاتھی تھا۔ جس کا نام محمود تھا۔ ابرہہ نے اپنی فوج لے کر مکہ مکرمہ پر چڑھائی کر دی اور اہل مکہ کے سب جانوروں کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ جس میں عبد المطلب کے اونٹ بھی تھے۔ یہی عبد المطلب جو ہمارے حضور خاتم النبیین ﷺ کے دادا ہیں۔ خانہ کعبہ کے متولی اور مکہ والوں کے سردار تھے۔ یہ بہت ہی رعب دار اور نہایت ہی جسیم (Healthy) آدمی تھے۔ یہ ابرہہ کے پاس آئے اور ابرہہ نے ان کی بہت تعظیم کی اور آنے کا مقصد پوچھا۔ تو آپ نے فرمایا کہ میرا مطلب یہ ہے کہ تم میرے اونٹوں کو مجھے واپس دے دو۔ یہ سن کر ابرہہ نے کہا کہ مجھے بڑا تعجب ہو رہا ہے کہ میں تو تمھارے کعبہ کو ڈھانے کے لیے فوج لے کر آیا ہوں جو تمھارا اور تمھارے باپ دادا کا ایک بہت مقدس و محترم (Holy)مقام ہے۔ آپ نے اس کے بارے میں تو کچھ بھی مجھ سے نہیں کہا۔ صرف اپنے اونٹوں کا مطالبہ (Demand)کر رہے ہیں ؟حضرت عبد المطلب نے فرمایا کہ میں اپنے اونٹوں ہی کا مالک ہوں۔ اس لیے اونٹوں کے لیے کہہ رہا ہوں اور کعبہ کا جو مالک ہے وہ خود اس کی حفاظت فرمائے گا، مجھے اس کی کوئی فکر نہیں۔ ابرہہ نے آپ کے اونٹوں کو واپس کر دیا۔ پھر آپ نے قریش سے فرمایا کہ تم لوگ پہاڑ کی گھاٹیوں اور چوٹیوں پر چلے جاؤ۔ چنانچہ قریش نے آپ کے مشورہ پر عمل کیا۔ اس کے بعد حضرت عبد المطلب نے کعبہ کا دروازہ پکڑ کر بارگاہ الہی میں کعبہ کی حفاظت کے لیے خوب رو رو کر دعا مانگی۔ اور دعا سے فارغ ہو کر آپ بھی اپنی قوم کے ساتھ پہاڑ کی چوٹی پر چڑھ گئے۔ ابرہہ نے صبح سویرے اپنے لشکروں کو لیکر کعبہ مقدسہ پر دھاوا بول دینے کا حکم دے دیا۔ اور ہاتھیوں کو چلنے کے لیے اٹھایا۔ لیکن ہاتھیوں کا پیش رو محمود جو سب سے بڑا تھا وہ کعبہ کی طرف نہ چلا۔ جس طرف اس کو چلاتے تھے چلتا تھا مگر کعبہ شریف کی طرف جب اس کو چلاتے تھے تو وہ بیٹھ جاتا تھا۔ اتنے میں اللہ تعالیٰ نے سمندر کی جانب سے پرندوں کا لشکر بھیج دیا اور ہر پرندے کے پاس تین تین کنکریاں تھیں دو پنجوں میں اور ایک چونچ میں۔ ابابیل پرندوں کے اس لشکر نے ابرہہ کی فوج پر اس زور کی سنگباری کی کہ ابرہہ کی فوج بد حواس ہو کر بھاگنے لگیں۔ مگر کنکریاں تو چھوٹی چھوٹی تھیں لیکن وہ قہر الہی کے پتھر تھے کہ پرندے جب ان کنکریوں کو گراتے تو وہ کنکریاں ہاتھی سواروں کے خود (helmet)کو توڑ کر سر سے نکل کر جسم کو چیر کر ہاتھی کے بدن کو چھیدتے ہوئے زمین پر گرتی تھیں۔ ہر کنکری پر اس شخص کا نام لکھا تھا جو اس کنکری سے ہلاک کیا گیا۔ اس طرح ابرہہ کا پورا لشکر ہلاک ہو برباد ہو گیا اور کعبہ معظمہ محفوظ رہ گیا۔ یہ واقعہ جس سال واقع ہوا، اس سال کو اہل عرب (Arab People) عام الفیل (ہاتھی والا سال)کہنے لگے اور اس واقعہ سے پچاس روز کے بعد حضور سید عالم ﷺ کی پیدائش  ہوئی۔ 




آئیے اسلام کو جانیں 



اسلام وہ مذہب ہے جو خالق کائنات کی طرف سے پوری دنیائے انسانیت کے لئے ایک بیش بہا دولت کی حیثیت رکھتا ہے۔ بارگاہ خداوندی میں اس دین کی قبولیت کا اعلان قرآن مجید یوں کر رہا ہے۔ ‘‘إنّ الدِیُنَ عِنُدَاللہِ الإسُلَام’’  بے شک خدا کے نزدیک دین اسلام ہی ہے۔ ( آل عمران:19)
خدا کے دین کی اس عالمگیریت کا تقاضہ یہ ہے کہ جغرافیائی حدود و قیود سے بالا تر ہو کر تمام خطہ زمین کے انسان اس کے سایہ عاطفت میں پناہ لے لیں اور اس کے ماننے والے افراد تمام انسانیت کے لئے امن و سلامتی کے پیامبر بن جائیں۔ 
انھیں غرض و غایت کے پیش نظر اسلام نے ہمیں کچھ حقوق دیے ہیں جن کی ادائیگی ہر مسلمان پر واجب ہے۔ اور جس کے نتیجے میں پوری دنیا میں امن و سلامتی اور پیار و محبت کی فضا قائم ہو گی۔ 



حقوق سے مراد:

حقوق جمع ہے حق کی جس کا مطلب ہے لازمی اور ضروری: یعنی وہ چیز جو ثابت ہو (کسی فرد یا جماعت کیلئے )
اسلام میں حقوق کا تصور دو واضح دائروں میں منقسم ہیں :
(۱) حقوق اللہ                                           (۲) حقوق العباد
حقوق اللہ کا تعلق عبادات سے ہے، ایک بندہ ہونے کے حوالے سے خالق کائنات کے سامنے اپنی عاجزی اور بندگی کا اظہار، حقوق اللہ کے دائرے میں شامل ہے۔ خالق کے مخلوق پر جو حقوق ہیں، اسلام ان کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔ خدائی احکامات پر عمل درآمد بھی انہیں حقوق میں شامل ہے۔ 
ایک فرد کے دوسرے فرد کے مقابلے میں حقوق کو، ‘‘حقوق العباد ’’کہا جاتا ہے۔ وسیع تناظر میں دیکھا جائے تو حقوق العباد کا دائرہ فرد اور فرد، فرد اور خاندان، فرد اور معاشرے اور فرد اور ریاست کے مابین تمام تعلقات و معاملات پر محیط ہے۔ 

حقوق اللہ

اللہ نے حضور ﷺ اور قرآن مجید کے ذریعے اپنے سارے حقوق بندوں کو بتا دیئے ہیں کہ اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو اور تمام وہ کام کرو جس کا اللہ اور رسول نے حکم دیا۔ 
حقوق اللہ تمام حقوق سے زیادہ ضروری ہے اور سب سے اہم ہے۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ اس کائنات کا خالق و مالک اور تمام تر امور کی تدبیر کرنے والا ہے۔ وہ زندہ جاوید ہستی ہے جو تمام کائنات کا نظام سنبھالے ہوئے ہے، اس نے ہر چیز کو پیدا کیا اور اپنی حکمت بالغہ سے اس کا اندازہ کیا۔ انسان کو اشرف المخلوقات بنایا، پھر انسان کو اپنے احسانات یاد کرائے کہ اے انسان !تجھ پر اس ذات کا حق ہے جس نے نعمتوں کے ساتھ تیری پرورش کی۔ تو اپنی ماں کے پیٹ میں تین طرح کے اندھیروں میں تھا۔ جہاں مخلوقات میں کوئی بھی تجھے غذا یا ایسی اشیاء نہیں پہنچا سکتا تھا جو تیری افزائش اور زندگی کو قائم رکھنے والی ہوں۔ اس نے ماں کی چھاتیوں میں وافر دودھ اتارا،تجھے اس کی راہ دکھلائی اور تیرے والدین کو تیرا محسن بنا دیا۔ تیری امداد کی اور تجھے کامیاب کیا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے :
‘‘اور اللہ ہی نے تم کو تمہاری ماؤں کے شکم سے پیدا کیا کہ تم کچھ نہیں جانتے تھے۔ اور اس نے تم کو کان اور آنکھیں اور دل (اور اُن کے علاوہ اور ) اعضا بخشے تاکہ تم شکر کرو ’’ (سورۃ النحل:78)
اگر اللہ تعالیٰ لمحہ بھر کے لیے اپنا فضل اور رحمت روک لے تو انسان ہلاک ہو جائے۔ جب انسان پر اللہ تعالیٰ کا اتنا فضل اور اس قدر رحمت ہے تو پھر اس کا حق بھی تمام حقوق سے زیادہ اہم ہے۔ اللہ تعالیٰ انسان سے (نہ) رزق مانگتا ہے نہ کھانا۔ ارشاد ربانی ہے : ‘‘ہم تجھ سے روزی نہیں مانگتے ہم تجھے روزی دیتے ہیں اور پرہیزگاری کا انجام اچھا ہے ’’ (سورۃ طہ: 132) 
اللہ تعالیٰ انسان سے صرف ایک ہی چیز کا مطالبہ کرتا ہے جس میں انسان ہی کا فائدہ ہے اور وہ یہ کہ اس اکیلے کی عبادت کی جائے جس کا کوئی شریک نہیں۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے :
‘‘اور میں نے جن اور انسان کو بنایا ہے تو صرف اپنی بندگی کے لیے، میں ان سے کوئی روزی نہیں چاہتا ہوں اور نہ ہی چاہتا ہوں کہ وہ مجھے کھلائیں بے شک الله ہی بڑا روزی دینے والا زبردست طاقت والا ہے۔ ’’ (سورۃ الذاریات:56-58)
وہ انسان سے صرف یہ چاہتا ہے کہ عبودیت کہ ہر پہلو سے وہ  اس کا بندہ بن جائے۔ جیسے کہ ربوبیت کے ہر پہلو سے وہ ہمارا پروردگار ہے۔ ایسا بندہ جو اسی کے سامنے عجز و انکسار کا اظہار کرے اور اس کی مکمل اطاعت کرے کیونکہ اس نے ہمیں بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ 
اگر لوگوں میں سے کوئی ہم پر احسان کرتا ہے تو اس کی نافرمانی اور مخالفت پر اُتر آنے سے ہمیں ضرور شرم آتی ہے، پھر اپنے پروردگار سے ہمارا معاملہ کیسا ہے کہ جو کچھ بھی ہمارے پاس ہے وہ سب اسی کے فضل سے ہے اور اگر ہم پر کوئی مصیبت نہیں آتی تو وہ صرف اسی کی رحمت سے رکی ہوئی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ‘‘اور جو نعمتیں تم کو میسر ہیں سب اللہ کی طرف سے ہیں۔ پھر جب تم کو کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو اسی کے آگے چلاتے ہو۔ ’’  (سورۃ النحل:53) 
چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے حقوق میں سب سے پہلا حق توحید باری تعالیٰ ہے۔ 

1۔ 	توحید 

اللہ تعالیٰ نے اپنے لیے صرف یہ حق واجب کیا ہے کہ اس کی خالص عبادت کی جائے اور اس کے ساتھ کسی قسم کا شرک نہ کیا جائے۔ 
ہر رسول اور نبی نے سب سے پہلے اپنی اپنی قوم کو اس توحید کی دعوت دی۔ ہر ایک نے یہی کہا: 
‘‘اے میری قوم ! صرف اللہ کی عبادت کرو، تمھارے لیے اس کے سوا اور کوئی معبود نہیں۔ ’’ (اعراف : 57)
اللہ تعالیٰ نے نبی اکرم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا: 
‘‘اور آپ سے پہلے ہم نے جو بھی رسول بھیجا، اس کی طرف یہی وحی  کرتے رہے کہ بے شک میرے سوا کوئی معبود نہیں، لہذا تم میری ہی عبادت کرو۔ ’’ (انبیاء : 25)
اور یہ حق تمام حقوق سے پہلے ہے، نہ کوئی حق اس سے پہلے ہے، نہ اس سے بڑھ کر ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے  : 
‘‘اور تمھارے پروردگار نے یہ فیصلہ کر دیا ہے کہ تم اس کے سوا کسی اور کی عبادت نہ کرو، اور ماں باپ کے ساتھ اچھا سلوک کرو۔ ’’ (بنی اسرائیل : 23)
عبادت کا مطلب کیا ہے ؟ 
عبادت کا مطلب ہے کسی عظیم ہستی کو تمام اختیارات کا مالک سمجھتے ہوئے اس کے سامنے اپنی  عاجزی، بے بسی اور لاچارگی کا اظہار کرنا۔ 
ایسی بارگاہ عظیم جس کی عظمت و قدرت کے رو برو انسان اپنے آپ کو بے بس و لاچار سمجھے، اور جو کچھ طلب کرنا ہو اس کا عاجز بندہ بن کر صرف اسی سے مانگے۔ اسی کا خوف اپنے دل و دماغ میں رکھے۔ اپنی امیدیں صرف اسی سے وابستہ کرے۔ وہ صرف اور صرف اللہ وحدہ لا شریک کی ذات مقدس ہے۔ اور اس طرح سمجھنا اور کرنا یہ اللہ کی عبادت ہے۔ 
چنانچہ نماز ادا کرنا، روزہ رکھنا، بیت اللہ کا حج کرنا، زکوٰۃ دینا، یہ سب عبادات ہیں جو صرف اللہ تعالیٰ ہی کے لیے کی جا سکتی ہے۔ ان میں سے کوئی بھی کام اللہ کے سوا کسی اور کسی کے لیے نہیں کیا جا سکتا، اگر کیا جائے تو یہ شرک ہے۔ 

2۔ 	نماز

اللہ تعالیٰ کی توحید کا اقرار و اعتراف اور اس کے تقاضوں کی تکمیل اللہ تعالیٰ کا پہلا حق ہے۔ عقیدۂ توحید کے بعد حقوق اللہ میں سب سے اہم نماز ہے۔ 
اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے  : 
‘‘اور نماز قائم کرو، اور زکوٰۃ دو۔ ’’  (بقرہ : 43)
‘‘اور یہ کہ تم نماز کی پابندی کرو، اور اللہ سے ڈرتے رہو، اور وہی ذات ہے جس کی بارگاہ میں تم سب اکٹھے کیے جاؤ گے۔ ’’ (انعام : 72)
اسی طرح قرآن کریم میں وضاحت کے ساتھ 109 مقام پر نماز کا ذکر آیا ہے۔ جس سے نماز کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ 
آنحضرت ﷺ سے پوچھا گیا کہ کون سا عمل اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ محبوب ہے ؟ تو آپ نے فرمایا : نماز کو اپنے وقت پر ادا کرنا۔ 

3۔ 	زکوٰۃ

نماز کے بعد اللہ تعالیٰ کا اہم حق زکوٰۃ کی ادائیگی ہے۔ قرآن کریم میں تیس سے زیادہ مقام پر اس کا ذکر آیا ہے : چنانچہ ارشاد خداوندی ہے : 
‘‘اور نماز قائم کرو، اور زکوٰۃ دو۔ ’’ (بقرہ : 43)
اللہ تعالیٰ نے زکوٰۃ سب مسلمانوں پر فرض نہیں کی، بلکہ صرف صاحب نصاب شخص پر فرض کی ہے، اور زکوٰۃ فقیروں، غریبوں، مسکینوں اور محروم لوگوں کو ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس طرح اللہ تعالیٰ نے اپنے ضرورت مند بندوں کی فلاح و بہبود کو اپنا حق قرار دے دیا یہ اس کی کمال شفقت اور مہربانی ہے کہ حق اس کا اور فائدہ بندے اٹھائیں۔ 
زکوٰۃ جہاں اللہ کا حق ہے، وہاں بندوں کا بھی حق ہے، فرض عبادت میں نماز، روزہ اور حج خالص اللہ کے حقوق ہیں، لیکن زکوٰۃ کی حیثیت دہری ہے۔ یہ اللہ کا حق ہونے کے ساتھ ساتھ بندوں کا بھی حق ہے۔ اسی طرح اگر کوئی شخص زکوٰۃ نہیں دیتا تو وہ اللہ کے حق میں کوتاہی کے ساتھ بہت سے بندوں کا حق بھی مارتا ہے۔ 
زکوٰۃ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ دولت زیادہ سے زیادہ گردش میں رہے۔ چند لوگوں کے پاس جمع ہو کر نہ رہ جائے، کیوں کہ معاشی خوشحالی کا بنیادی فلسفہ یہی ہے کہ ساری دولت چند لوگوں کی مٹھی میں نہ رہے بلکہ پھیلی  رہے۔ آخرت کے فائدے کے علاوہ زکوٰۃ کے بے شمار دنیاوی فوائد بھی ہیں، جیسے : 
•	اس سے غریبوں کی مدد ہوتی۔ 
•	بھائی چارے اور ہمدردی کی فضا قائم ہوتی ہے۔ 
•	محبت کے جذبات پروان چڑھتے ہیں۔ 
•	مال کی محبت کم ہوتی ہے، جب آدمی میں مال کی محبت کم ہوتی ہے، تو اس میں اخلاق، شرافت، اور عاجزی پیدا ہوتی ہے۔ 

4۔ 	روزہ 

اللہ تعالیٰ کے حقوق میں چوتھا حق روزہ ہے، سورہ بقرہ میں ارشاد خداوندی ہے : 
‘‘اے ایمان والو! تم پر روزہ رکھنا اس طرح فرض کیا گیا ہے جس طرح تم سے پہلے دوسری امتوں پر فرض کیا گیا تھا، تاکہ تم پرہیزگار بن جاؤ۔ ’’ (بقرہ : 183)
اس کا مطلب ہے کہ روزہ پچھلی امتوں پر بھی فرض تھا، اسلامی شریعت میں مسلمانوں پر سال بھر میں ایک ماہ کے روزے فرض کیے گئے ہیں۔ 
حضرت ابو ہریرہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم ﷺ ارشاد فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ فرماتا  ہے کہ ‘‘آدمی کے سب اعمال اس کے لیے ہیں لیکن روزہ خاص میرے لیے ہیں اور میں خود ہی اس کی جزا دوں گا۔ ’’
اسی طرح ایک اور مقام پر نبی اکرم ﷺ ارشاد فرماتے ہیں : 
‘‘روزے رکھو، کیوں کہ کوئی عمل اس جیسا نہیں۔ ’’
مطلب یہ ہے کہ بعض خصوصیات کی بنا پر روزہ ایک ایسی عبادت ہے جس کی کوئی مثال نہیں، کیوں کہ انسان جب روزہ رکھتا ہے تو اللہ کی محبت اور اس کے خوف کی بنیاد پر گناہوں سے اپنے آپ کو بچائے رکھتا ہے۔ جیسا کہ آپ ﷺ کا ارشاد ہے  : ‘‘روزہ تمھیں عذاب الہی سے اسی طرح بچاتا ہے جس طرح ڈھال تمھیں لڑائی سے بچاتی ہے۔ ’’

5۔ 	حج 

حقو ق اللہ میں پانچواں حق بیت اللہ شریف کا حج ہے۔ اللہ تعالیٰ نے حج صرف صاحب استطاعت لوگوں پر فرض کیا ہے۔ ارشاد خداوندی ہے : 
‘‘اللہ تعالیٰ نے لوگوں پر، جو اس کی طرف راستے کی استطاعت رکھتے ہوں، اس گھر کا حج فرض کیا ہے۔ ’’  (آل عمران : 97)
حج پوری زندگی میں صرف ایک بار فرض ہے۔ حج جہاں اسلام کا چوتھا رکن ہے، وہاں دین اسلام کا ایک ستون بھی ہے۔ یعنی اسلام کی عمارت جن ستونوں پر قائم ہے۔ ان میں سے ایک حج ہے۔ اب جو صاحب استطاعت ہونے کے باوجود بغیر کسی عذر کے حج بیت اللہ سے جی چراتا ہے تو وہ اسلام کی عمارت کو منہدم کرنا چاہتا ہے۔ ایسا آدمی اپنے عمل سے اللہ اور اس کے رسول کی مخالفت کر رہا ہے۔ 
حج کا ایک امتیاز یہ بھی ہے کہ اس فرض سے قیامت کی  یاد تازہ ہوتی ہے، جس طرح قیامت کے دن لوگ ایک جگہ جمع ہوں گے، اسی طرح عرفات کے میدان میں سب لوگ ایک جگہ جمع ہو کر اسی تصور کو تازہ کرتے ہیں۔ حج کا رکن اللہ کی فرماں برداری اور قیامت کی کسی نہ کسی ہولناکی کو یاد دلاتا ہے۔ اس سے اللہ کی محبت تازہ ہوتی ہے۔ آدمی پر خواہشات نفس پر قابو پانے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے  اور صبر و تحمل کی عادت پڑتی ہے۔ اس کے علاوہ بہت سے فائدے ہیں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ حج فرض ہے اور یہ اللہ تعالیٰ کا بندوں پر حق ہے۔ 
یہاں بات قابل توجہ ہے کہ حقوق اللہ کی ادائیگی کا حکم اللہ تعالیٰ نے دیا ہے، اور حقوق العباد کی ادائیگی کا بھی حکم اللہ تعالیٰ ہی نے دیا تو ایک جہت سے حقوق العباد بھی حقوق اللہ میں داخل ہوتا ہے۔ لہذا حقوق اللہ تو صرف اللہ تعالیٰ کے حقوق ہوئے مگر حقوق العباد بندوں کے حقوق ہونے کے ساتھ ساتھ حقوق اللہ بھی ہیں۔ 




حقوق العباد


عباد جمع ہے عبد کی جس سے مراد ہے انسان یا بندہ۔ اس طرح حقوق العباد کا مطلب ہے بندوں کے حقوق یعنی ایک بندے پر، اللہ کے دوسرے بندے کے حقوق۔ حقوق العباد میں دنیا کے ہر مذہب، ہر ذات و نسل، ہر درجے اور ہر حیثیت کے انسانوں کے حقوق آ جاتے ہیں۔ اگر ہم عزیزوں کے حقوق ادا کریں تو اس کے ساتھ غیروں کے حقوق بھی ادا کریں۔ غلام اگر مالک کی خدمت کرے تو مالک بھی غلام کا پورا پورا خیال رکھے۔ والدین اگر اولاد کے لئے اپنی زندگی کی ہر آسائش ترک کر دیں تو اولاد بھی ان کی خدمت اور عزت میں کمی نہ کرے یہی اسلام کی تعلیم ہے پوری انسانیت کے لئے۔ حقوق العباد میں مختلف حیثیت اور درجات کے لوگوں کے حقوق آ جاتے ہیں۔ 

حقوق العباد کی ضرورت: 

انسان اس دنیا میں تنہا نہیں رہ سکتا، وہ دوسروں کے ساتھ مل جل کر رہنے پر مجبور ہے، اپنی ضروریاتِ زندگی کی تکمیل اور آفات و مصائب کے ازالہ کے سلسلہ میں دوسرے انسانوں کے تعاون کا محتاج ہے، اس قضیہ کے پیش نظر ہر انسان کا یہ عقلی و طبعی حق بنتا ہے کہ دوسراا س کی مدد کرے، اس کے حقوق و فرائض کا لحاظ رکھے۔ جسے آج کی جدید اصطلاح میں ‘‘حقوق انسانی ’’   (Human Rights) کا نام یا جاتا ہے۔ 

حقوق العباد یا حقوق انسانی کی اہمیت:

اسلامی تصور میں حقوق العباد ایک فرض کی حیثیت رکھتا ہے۔ حقوق العباد یا خدمت خلق صرف یہی نہیں کہ آپ کسی حاجت مند کی حاجت پوری کر دیں بلکہ دوسروں کو نیک مشورہ دینا اور ان کے جملہ مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھ کر مخلصانہ طور پر ان مسائل کے حل کرنے کی تدبیر سوچنا اور عمل پیرا ہونا بھی خدمت خلق میں شامل ہے۔ 
حقوق العباد کی اہمیت اور ضرورت کا قرآن پاک کی اس آیت سے پتہ چلتا ہے۔ ‘‘ تم سب اللہ کی بندگی کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ بناؤ۔ ماں باپ کے ساتھ نیک برتاؤ کرو، رشتہ داروں، یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آؤ اور  پاس کے پڑوسی سے اور دور کے  ہمسایہ سے، پہلو کے ساتھی اور مسافر اور ان لونڈی غلاموں سے جو تمہارے قبضہ میں ہوں احسان کا معاملہ رکھو۔ یقین جانو اللہ کسی اترانے والے اور بڑائی پر فخر کرنے والے کو پسند نہیں کرتا ہے۔ (سورہ النساء:۳۶)
مذکورہ آیت سے خدمت خلق اور حسن سلوک کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ جیسے اللہ اپنے بندوں سے خطاب کرتا ہو : اے مومنو! اولاً اللہ کے حقوق کو بجا لاؤ اور دوسرا حقوق العباد کی ادائیگی میں پیچھے نہ رہو بلکہ حقوق الٰہی کے فوراً بعد بندوں کے حقوق پورا کرو، کبھی کبھی خدمت خلق کے لئے بعض عبادات بھی موخر کر دینے کا حکم ہے کیونکہ اگر انہیں مو خر کر کے یہ خدمت انجام دی گئی تو آدمی بسا اوقات نماز پڑھ کر بھی گنہگار قرار پاتا ہے۔ ایک شخص اگر نماز میں ہو اور اسے یقین ہو جائے کہ نماز ختم ہونے تک ایک اندھا آدمی کنوئیں میں گر جائے گا تو نماز توڑ کر اندھے کو بچانے کا حکم ہے۔ ایک شخص پیاس سے تڑپ رہا ہو اور دوسرا ذکرو تسبیح میں مشغول ہو تو اسے ذکر و تسبیح چھوڑ کر اس کی پیاس بجھانی چاہئے۔ ایک پڑوسی فاقہ کر کے سو رہا ہے اور ہم رات بھر اپنے گھر میں تہجد میں مشغول ہیں، تو اس نفلی عبادت سے افضل اس پڑوسی کی خبرگیری ہے۔ خلق سے مراد کیا ہے ؟ خلق کہتے ہیں مخلوق کو عموماً لوگ آج کل خلق کا محدود معنی نکال کر اسے صرف انسانوں کے ساتھ مخصوص کر دیتے ہیں حالانکہ اس کے اندر کشادگی پائی جاتی ہے۔ اس میں دوسری مخلوقات بھی شامل ہیں کیونکہ بھلائی اور اچھا سلوک صرف عاقلوں کے ساتھ ہی نہیں بلکہ غیر عاقلوں کے ساتھ کرنا بھی انسانیت کا عین تقاضا ہے اور خدمت خلق حقوق اللہ پر بھی مقدم ہے۔ اسلام مجموعہ ہے حقوق اللہ اور حقوق العباد کا۔ اللہ تعالیٰ کی بے پایاں رحمت سے اُمید ہے کہ وہ اپنے حقوق میں بہت سی کوتاہیوں کو معاف کر دے گا مگر بندوں کے حقوق میں اگر کوتاہی ہو جائے تو اللہ تعالیٰ اس وقت تک معاف نہیں کرے گا جب تک وہ بندہ راضی نہ ہو جائے، اس لئے اس کی طرف بہت زیادہ توجہ کرنے کی ضرورت ہے۔ 
علماء نے لکھا ہے اگر کوئی شخص گناہ سے توبہ کرتا ہے اور یہ گناہ اللہ کے حق سے متعلق ہے اس سے توبہ کرنے کی تین شرطیں ہیں۔ اوّل گناہ کو ترک کر دے، دوم اس پر اس کو ندامت ہو اور شرمندگی ہو، سوم یہ آئندہ نہ کرنے کا پکا ارادہ کرے لیکن اگر یہ گناہ بندوں کے حق سے متعلق ہے تو ان تین شرطوں کے علاوہ ایک چوتھی شرط یہ بھی ہے کہ یہاں اس کے اس حق کی تلافی کی جائے۔ مثلاً کسی کی غیبت کی ہے، کسی پر ظلم کیا ہے، رشوت لی ہے وغیرہ وغیرہ تو جب تک اس کا بدلہ چکا کر اس سے معافی مانگ کر اس کو راضی کر کے اس کی معافی تلافی نہ کی جائے تو اللہ تعالیٰ معاف نہیں کرے گا اور یہ موقع اسے دنیا ہی میں ہے کیونکہ بندے کے حقوق اگر اس دنیا میں ادا نہیں کئے گئے تو قیامت کے دن اس کی نیکیاں اہل حقوق کو دے دی جائیں گی اور وہ منہ دیکھتا ہی رہ جائے گا اور یہ نیکیاں ختم ہو گئیں تو پھر کوتاہیوں کا بار گناہ اس کے اوپر لاد کر جہنم میں ڈال دیا جائے گا جیسا کہ حدیث میں آیا ہے حضرت ابوہریرہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ :‘‘کیا تم جانتے ہو مفلس کون ہے۔ صحابہ نے عرض کیا کہ ہمارے نزدیک تو مفلس وہ ہوتا ہے جس کے پاس نہ روپیہ پیسہ ہو نہ ساز و سامان ہو۔ حضور ﷺ نے فرمایا کہ میری امت میں مفلس وہ شخص ہے جو نماز روزہ اور زکوٰۃ وغیرہ تو لے کر آئے گا مگر اس حالت میں کسی کو گالی دی ہو گی، کسی پر تہمت لگائی ہو گی،کسی کا مال کھایا ہو گا، کسی کا خون بہایا ہو گا کسی کو مارا ہو گا۔ چنانچہ اس کی کچھ نیکیاں اس کے مظالم کے قصاص کے طور پر ایک مظلوم لے گا اور کچھ دوسرا مظلوم لے گا اور کچھ تیسرا لے گا پھر اس کی نیکیاں اس کی خطاؤں کا قصاص ادا کرنے سے پہلے ہی ختم ہو گئیں تو پھر مظلوموں کی خطائیں اس ظالم پر ڈال کر اسے دوزخ میں ڈال دیا جائے گا۔ ’’
حقوق العباد کی ادائیگی کے لئے خود نبی پاک ﷺ کس قدر فکر مند رہا کرتے تھے، اس کا اندازہ درج ذیل احادیث سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ حضرت ابوہریرہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنے رب سے کہا اے اللہ میں نے تجھ سے ایک وعدہ لیا ہے (قبولیت دعا کا)جس کی توہر گز خلاف ورزی نہیں کرے گا۔ میں انسان ہی ہوں، میں نے کسی مسلم کو ناحق تکلیف دہ بات کہی ہو،بُرا بھلا کہا ہو، اس پر لعنت کی ہو،اسے کوڑے مارے ہوں تو میرے اس فعل کو اس مظلوم کے لئے قیامت کے دن اپنی رحمت مغفرت اور قربت کا ذریعہ بنا دے۔ 
اس حدیث سے بخوبی واضح ہے کہ حقوق العباد حقوق اللہ پر اس قدر مقدم ہے کہ آنحضرت ﷺ بھی فرماتے ہیں کہ اے رب اس مظلومی کو مظلوم کے لئے مغفرت و رحمت کا ذریعہ بنا دے۔ اس موقع سے حضور کے مرض الموت کی کیفیت بھی نظروں کے سامنے رہے تو بات اور واضح ہو جائے گی۔ نبی ﷺ شدید بخار میں مبتلا تھے، اسی حالت میں وہاں کے سارے لوگوں کو بلا بلا کر فرمایا کہ ‘‘جس کسی کو مجھ سے تکلیف پہنچی ہو یا میں نے کسی کی حق تلفی کی ہو تو ابھی میں حاضر ہوں، تم لوگ بلا کسی تکلیف و اندیشہ کے اپنا بدلہ لے لو تم میں سب سے زیادہ میرا محبوب وہ ہے جو یہیں دنیا میں اپنا حق وصول کر لے تاکہ میں اپنے رب کے پاس خوش خوش جاؤں۔ ’’اس کے بعد آپ نے فرمایا: ‘‘اے لوگو! جس نے کسی کا حق دبا لیا ہو وہ صاحب حق کو لوٹا دے اور اسے دنیا کی رسوائی سے جھجھک نہ ہو ورنہ پھر آخرت کی رسوائی کے لئے تیار رہے جہاں کی رسوائی دنیا کی رسوائی سے سخت اور شدید تر ہو گی۔ ’’
پھر سوال یہ ہے کہ اللہ نے اپنے حقوق پر بندوں کے حقوق کو کیوں مقدم فرمایا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بندہ  خدا کے حقوق ادا نہ کر کے اسے کوئی نقصان نہیں پہنچاتا ہے، بلکہ خود اپنے نفس پر ظلم کرتا ہے اور نقصان اٹھاتا ہے لیکن جب وہ کسی بندے کا حق ادا نہیں کرتا تو اس کے مفاد کو مجروح کرتا ہے، اسے حقیقتاً نقصان پہنچاتا ہے اور یہی وہ ظلم ہے جو خدا کے نزدیک ناقابل معاف ہے۔ سوائے اس کے کہ خود صاحب حق اسے معاف کر دینے پر رضامند ہو جائے۔ 

حقوق انسانی کی ارتقائی تاریخ: 

دوسری جنگ عظیم کے بعد جب ارباب عقل و دانش اور اصحاب فکر و نظر کو انسان کی مظلومیت کا احساس ہوا تو اس وقت پہلی مرتبہ انسانی حقوق کے تعین اور اس کی تدوین سے متعلق آواز اُٹھائی گئی۔ 
صنعتی انقلاب کے آغاز سے مغرب میں حقوق انسانی کا شعور پیدا ہوا کہ انسان کے بھی بحیثیت انسان ہونے کے چند فطری حقوق ہوتے ہیں جن سے کسی بھی فرد کو محروم نہیں کیا جا سکتا ہے۔ چنانچہ انسانی حقوق کا شعور بیسویں صدی کے شروع میں نمودار ہوا اور انقلابِ فرانس کا اہم جزو قرار پایا، اس میں قوم کی حاکمیت، آزادی، مساوات اور ملکیت جیسی فطری حقوق وغیرہ کا اثبات کیا گیا تھا، تدریجاً حقوق انسانی کا دائرہ وسیع ہوتا چلا گیا، اور اخیر میں حقوقِ انسانی کا عالمی منشور سامنے آیا، دسمبر 1946میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک ریزرویشن پاس کیا جس میں انسانوں کی نسل کشی کو ایک بین الاقوامی جرم قرار دیا گیا۔ 1948 میں نسل کشی کے انسداد کیلئے ایک قرار داد پاس کی گئی اور 12جنوری 1981 میں نفاذ ہوا۔ 
مذکورہ بالا عبارت سے یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ مغرب میں حقوق انسانی کے تصور کی دو تین صدیوں قبل کوئی تاریخ نہیں ہے۔ جبکہ نبی پاک ﷺ نے آج سے چودہ سو سال پہلے ہی حقوق انسانی کا ایک جامع تصور انسانیت کے سامنے پیش کر کے بذاتِ خود اسے عملی جامہ پہنا کر ایک صالح معاشرہ کی تشکیل کی۔ 
مگر باوجود اس کے کہ مغربی ممالک نے منشور حقوقِ انسانی کی داغ بیل ڈالی تھی، آج وہی ممالک حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں میں پیش پیش نظر آتے ہیں، چنانچہ آئے دن ان ممالک میں جرائم پیشہ افراد کی شرح میں اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے کیونکہ مغرب کے حقوق انسانی کا فلسفہ صرف اس کے مفادات کے اردگرد گھومتا ہے، جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ حقوقِ انسانی ایک نظریہ بن کر رہ گیا، جس کا عملی زندگی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ لیکن نبی پاک ﷺ نے حقوقِ انسانی کے صحیح نفاذ اور ان کو عملی زندگی سے مربوط کرنے کے لیے فکر آخرت سے جوڑ دیا جس کے باعث بندوں کے اندر حقوقِ انسانی کی رعایت و حفاظت کی ایسی اسپرٹ پیدا ہو گئی کہ بندہ از خود حقوق انسانی کا محافظ بن جاتا ہے۔ 

انسانی حقوق کا سرچشمہ کیا ہے ؟

انسانی حقوق کا سرچشمہ (Source) کیا ہے ؟ انسانی حقوق کے علمبردار قدیم ترین فلاسفرز اس کا جواب یہ دیتے ہیں کہ انسانی حقوق کا سرچشمہ ’’انسانیت‘‘ یا انسانی فطرت (Human Nature) ہے۔ ان کے خیال میں جس طرح قانونی حقوق کا سرچشمہ ’قانون‘ ہے اور معاہداتی حقوق معاہدوں سے جنم لیتے ہیں، اس طرح انسانی حقوق بھی ’انسانی فطرت‘ سے اَخذ شدہ ہیں۔ 
حال ہی میں انسانی حقوق کے علمبردار بعض مغربی مفکرین نے اس فکری اُلجھاؤ کو سلجھانے کے لئے اس بات پر زور دینا شروع کیا ہے کہ ’’انسانی حقوق کی بنیاد انسانی احتیاجات Needs ہیں ‘‘ غرضیکہ انسانی حقوق کے سرچشمہ کے بارے میں مغربی لٹریچر سے کوئی متفق علیہ یا شافی جواب تلاش کرنا بے حد مشکل ہے۔ 
مغربی، روشن خیال، عقل نے انسانی فطرت کے متعلق جو تازہ ترین فتویٰ جات صادر کئے ہیں، ان پر یقین کیا جائے تو انسانیت اور حیوانیت میں کوئی فرق قائم کرنا مشکل ہو جائے گا۔ کل تک ہم جنس پرستی کو غیر فطری بہیمانہ فعل سمجھنے والا مغرب آج اسے عین ’فطری‘ قرار دے چکا ہے۔ 

اسلام کی نظر میں انسانی حقوق کا سرچشمہ قرآن و سنت ہیں

اسلام نے اس اہم سوال کا جواب انسانی عقل کے سپرد نہیں کیا۔ اسلام کے نزدیک انسانی حقوق کا اصل سرچشمہ قرآن و سنت ہیں۔ اسلام کے نزدیک ‘‘انسانی حقوق’’ وہ ہیں جن کا تعین اللہ اور اس کے رسولﷺ نے کر دیا ہے، ا س کے علاوہ سب گمراہی ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ انسانی حقوق کی محکم اَساس اللہ تعالیٰ کی حاکمیت و ربوبیت، شرف و تکریم انسانیت اور اولادِ  آدم کی فطری مساوات کے اسلامی تصور پر ہی قائم ہو سکتی ہے۔ اسلام نے انبیاء علیہم السلام کو اولادِ  آدم میں فضیلت عطا کی ہے، لہٰذا ان کے حقوق بھی افضل ہیں۔ 

اسلام حقوق انسانی کا علمبردار

دنیا میں سب سے پہلے اسلام نے حقوق انسانی کی بنیاد رکھی اور اسلام میں انسان کے جو حقوق ہیں، وہ خدا کی طرف سے ودیعت کردہ ہیں۔ دنیا کی کوئی مجلس قانون ساز اور حکومت ان کے اندر رد و بدل اور ترمیم کرنے کی مختار و مجاز نہ ہے اور نہ ہی ان انسانی حقوق کو واپس لینے یا منسوخ کر دینے کا کوئی حق کسی کو حاصل ہے۔ ہمارا دین ہمیں امن اور سلامتی کا درس دیتا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ دنیا بھر کے لوگوں کو امن اور سلامتی نصیب ہو اور تمام لوگوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق بلا امتیاز رنگ و نسل ملیں۔ 
اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں حقوق انسانی کا تذکرہ فرمایا ہے۔ آنحضرت ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر جو خطبہ ارشاد فرمایا تھا‘ وہ خطبہ حقوقِ انسانی کا پہلا بین الاقوامی چارٹر تھا۔ 
انسانی حقوق کے بارے میں اسلام کا تصور بنیادی طور پر بنی نوع انسان کے احترام، وقار اور مساوات پر مبنی ہے۔ قرآن حکیم کی رو سے اﷲ رب العزت نے نوعِ انسانی کو دیگر تمام مخلوقات پر فضیلت و تکریم عطا کی ہے۔ قرآن حکیم میں ارشاد باری تعالیٰ ہے :‘‘اور بیشک ہم نے بنی آدم کو عزت بخشی اور ہم نے ان کو خشکی اور تری (یعنی شہروں اور صحراؤں اور سمندروں اور دریاؤں ) میں (مختلف سواریوں پر) سوار کیا اور ہم نے انہیں پاکیزہ چیزوں سے رزق عطا کیا اور ہم نے انہیں اکثر مخلوقات پر جنہیں ہم نے پیدا کیا ہے فضیلت دے کر برتر بنا دیا ‘‘(بنی اسرائیل، 17 : 70)
اسی طرح حضور نبی اکرم ﷺ نے خطبہ حجۃ الوداع میں ارشاد فرمایا :
’’اے لوگو! آگاہ ہو جاؤ کہ تمہارا رب ایک ہے اور بے شک تمہارا باپ (آدم علیہ السلام) ایک ہے۔ کسی عربی کو غیر عرب پر اور کسی غیر عرب کو عجمی پر کوئی فضیلت نہیں اور کسی سفید فام کو سیاہ فام پر اور نہ سیاہ فام کو سفید فام پر فضیلت حاصل ہے۔ سوائے تقویٰ کے۔ ‘‘
اس طرح اسلام نے تمام قسم کے امتیازات اور ذات پات، نسل، رنگ، جنس، زبان، حسب و نسب اور مال و دولت پر مبنی تعصبات کو جڑ سے اکھاڑ دیا اور تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام انسانوں کو ایک دوسرے کے ہم پلہ قرار دیا خواہ وہ امیر ہوں یا غریب، سفید ہوں یا سیاہ، مشرق میں ہوں یا مغرب میں، مرد ہو یا عورت اور چاہے وہ کسی بھی لسانی یا جغرافیائی علاقے سے تعلق رکھتے ہوں۔ آنحضرت ﷺ کا یہ خطبہ حقوقِ انسانی کا اولین اور ابدی منشور ہے جو کسی وقتی سیاسی مصلحت یا عارضی مقصد کے حصول کے لئے نہیں بلکہ بنی نوع انسان کی فلاح کے لئے جاری کیا گیا۔ 
یہی وجہ ہے کہ خطبہ حجۃ الوداع کو حقوق انسانی سے متعلق دیگر تمام دستاویزات پر فوقیت اور اولیت حاصل ہے۔ جو آج تک انسانی شعور نے تشکیل دیں۔ 

اسلام میں حقوق انسانی کا جامع تصور

مغرب نے حقوقِ انسانی کا جو تصور پیش کیا ہے وہ انتہائی ناقص ہے، اس کے اندر اتنی وسعت نہیں کہ وہ زندگی کے مختلف شعبوں کا احاطہ کر سکے، لیکن آنحضرت ﷺ نے جو مربوط نظام، انسانی حقوق کا پیش کیا وہ زندگی کے تمام شعبوں پر محیط ہے، جن میں احترام انسانیت، بشری نفسیات و رجحانات اور انسان کے معاشرتی، تعلیمی، شہری، ملکی، ملی، ثقافتی، تمدنی اور معاشی تقاضوں اور ضروریات کا مکمل لحاظ کیا گیا ہے اور حقوق کی ادائیگی کو اسلام نے اتنی اہمیت دی ہے کہ اگر کسی شخص نے دنیا میں کسی کا حق ادا نہیں کیا تو آخرت میں اس کو ادا کرنا پڑے گا ورنہ سزا بھگتنی پڑے گی، حتیٰ کہ جانوروں کے آپسی ظلم و ستم کا انتقام بھی لیا جائے گا۔ اللہ کے رسول نے فرمایا: ‘‘حق والوں کو ان کے حقوق تمہیں ضرور بالضرور قیامت کے روز ادا کرنے پڑیں گے، حتیٰ کہ بے سنیگے بکرے کو سینگ والی بکری سے بدلہ دیا جائے گا۔ ’’

اسلام میں انسانیت کا مقام

 اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنا کر دنیا کی تمام مخلوق میں سب سے زیادہ اعزاز بخشا، اس کے احترام و اکرام کی تعلیم دی، اس کو خوبصورت سانچہ میں ڈھال کر اسے دنیا کی نعمتوں سے مالا مال کیا، ارشاد ربانی ہے : ‘‘ہم نے آدم کی اولاد کو عزت بخشی ہے اور خشکی و دریا میں ان کو سواری دی، اور پاکیزہ چیزوں سے روزی دی اور ہم نے ان کو بہت سی مخلوقات پر فوقیت دی۔ ’’ (اسراء 17: 70) دوسری جگہ ارشاد ہے : ‘‘ہم نے آدمی کو اچھی شکل و صورت میں پیدا کیا ہے۔ ’’(تین 95 : 4)  تیسری جگہ فرمایا: ‘‘اللہ نے تمہارے نفع کیلئے زمین کی ساری چیزیں پیدا کی ہیں۔ ’’ (بقرہ 2 :29) چوتھی جگہ یوں فرمایا:‘‘ میں نے سب جنات اور انسانوں کو صرف اپنی عبادت کیلئے پیدا کیا ہے۔ ’’ (ذاریات 51: 56) اسی طرح اسلام نے انسانی حرمت و شرافت کی اتنی پاسداری کی کہ انسان کا احترام پس مرگ تک باقی رکھا، چنانچہ آپ ﷺ کے زمانے میں ایک عورت کا جنازہ گذر رہا تھا، اللہ کے رسول کھڑے ہو گئے، صحابہ نے کہا: اللہ کے رسول! یہ تو یہودی ہے، اللہ کے رسول نے فرمایا کیا وہ انسان نہیں ؟ اسی طرح نبوت و شریعت کی دولت بھی صرف اور صرف انسان ہی کو عطا کیا گیا ہے، اسی طرح اسلام نے علوم و عقل اور خرد جیسی گرانقدر انعام سے نوازا۔ 

اِنسانی حقوق کا قرآنی فلسفہ

اِسلام جملہ شعبہ ہائے حیات میں اعتدال اور توازن کا درس دیتا ہے۔  نبی اکرم ﷺ نے زندگی کے ہر پہلو کے حوالے سے ایسی تعلیمات عطا کیں جو زندگی میں حسین توازن پیدا کرنے کی ضمانت دیتی ہیں۔ اسلام کا یہ بنیادی اصول اس کی تمام تعلیمات اور احکام میں کارفرما ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کے عطا کردہ انسانی حقوق بھی اسی روح سے مملو ہیں۔ دنیا کے دیگر معاشرتی و سیاسی نظام حق کے احترام و ادائیگی کی اس بلندی و رفعت کی نظیر پیش نہیں کر سکتے جس کا مظاہرہ تعلیمات نبوی میں نظر آتا ہے۔ اسلام کا فلسفہ حقوق دیگر نظام ہائے حیات کے فلسفہ حقوق سے بایں طور مختلف و ممتاز ہے :
1۔ اسلام مطالبہ حق(Demand of Rights) کی بجائے ایتائے حق (Fulfillment of Rights) کی تعلیم دیتا ہے۔ اسلام کی بنیادی تعلیم یہ ہے کہ ہر شخص اپنے اوپر عائد دوسرے افراد کے حقوق کی ادائیگی کے لئے کمربستہ رہے۔ اور یہاں تک کہ وہ صرف حق کی ادائیگی تک ہی محدود نہ رہے بلکہ اس ادائیگی کو حد احسان تک بڑھا دے۔ قرآن فرماتا ہے :‘‘بے شک اللہ (تمہیں ) عدل اور احسان کا حکم دیتا ہے۔ ‘‘ (النحل، 16 : 90)
مذکورہ بالا آیۃ مبارکہ میں مذکور عدل اور احسان قرآن حکیم کی دو اصطلاحات ہیں۔ عدل کا مفہوم تو یہ ہے کہ وہ حقوق جو شریعت اور قانون کی رو سے کسی فرد پر لازم ہیں وہ ان کی ادائیگی کرے جبکہ احسان یہ ہے کہ فرض و عائد حقوق سے بڑھ کر بھی وہ دوسرے افراد معاشرہ سے حسن سلوک کرے۔ 
نبی اکرم ﷺ کا عطا کردہ تصور احسان انسانی معاشرے کو سراپا امن و آشتی بنانے کی ضمانت فراہم کرتا ہے کیونکہ ایک فرد کا فرض دوسرے کا حق ہے جب ہر فرد اپنے فرائض کو ادا کرے گا یعنی دوسرے کے حقوق پورا کرنے کے لئے کمربستہ رہے گا تو لامحالہ معاشرے میں کسی طرف بھی حقوق کی عدم ادائیگی کی وجہ سے مطالبہ حقوق کی صدا بلند نہ ہو گی، اور پورے معاشرے کے حقوق از خود پورے ہوتے رہیں گے اور اس طرح معاشرہ قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے احترام کا آئینہ دار بن جائے گا۔ 
2۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے انسانی حقوق کا ایسا نظام عطا کیا ہے جہاں حقوق و فرائض میں باہمی تعلق و تناسب (Reciprocal Relationship and Proportionality) پایا جاتا ہے۔ یعنی کوئی شخص بغیر اپنے فرائض پورے کئے حقوق کا مطالبہ نہ کرے گا۔ چونکہ اساسی زور فرائض کی ادائیگی اور ایتائے حقوق پر ہے، سو کوئی بھی فرد معاشرہ اس وقت تک اپنے حقوق کے لئے آواز بلند نہیں کر طنگھ                                                                                                                            سکتا جب تک وہ اپنے فرائض ادا نہ کر چکا ہو۔ اور فرائض کی ادائیگی کی صورت میں حقوق کا حصول ایک قدرتی اور لازمی تقاضے کے طور پر خود بخود ہی تکمیل پذیر ہو جائے گا۔ 
3۔ نبی پاک ﷺ نے حقوق انسانی کا ایسا جامع تصور عطا کیا جس میں حقوق و فرائض میں باہمی توازن پایا جاتا ہے۔ اس بنیادی تصور کو نہ سمجھنے کی وجہ سے ہی کئی مغالطوں نے بھی جنم لیا۔ حقوق و فرائض کے مابین توازن ہی کے سبب سے بعض اوقات ظاہراً حقوق کے مابین عدم مساوات نظر آتی ہے حالانکہ درحقیقت ایسا نہیں۔ مثلاً عورتوں اور مردوں کے حصہ ہائے وراثت میں موجود فرق بھی اس حکمت کی وجہ سے ہے ورنہ مطلق حقوق کے باب میں مرد و عورت میں کوئی تمیز روا نہیں رکھی گئی۔ ارشاد ربانی ہے : ’’اور دستور کے مطابق عورتوں کے مردوں پر اسی طرح حقوق ہیں جیسے مردوں کے عورتوں پر۔ ‘‘ ( البقرہ : 228)
جبکہ میراث میں ‘‘لڑکے کے لیے دو لڑکیوں کے برابر حصہ ہے ’’ ( النساء، 4 : 11) کے اصول کے تحت جو فرق رکھا گیا وہ مرد و عورت پر عائد دیگر فرائض اور ذمہ داریوں کی وجہ سے ہے۔ چونکہ مرد ہی خاندان کی کفالت اور دیگر امور کا ذمہ دار ہے جبکہ عورت کو اس ذمہ داری سے مبرا قرار دیا گیا لہٰذا وراثت میں مرد کا حصہ بھی دوگنا کر دیا گیا تاکہ وہ اپنی معاشی و کفالتی ذمہ داریوں سے بطور احسن عہدہ برآ ہو سکے۔ 

اسلام میں انسانی حقوق کی خصوصیات

اسلام نے حقوقِ انسان کا جو تصور پیش کیا ہے، وہ کونسی خصوصیات کا حامل ہے جو اسے باقی دنیا کے قوانین پر ممتاز کرتی ہیں اور کون سے وہ اُصول اور اَقدار ہیں جن پریہ دستور مشتمل ہے : 
1۔ 	اسلام میں انسانی حقوق کے تصور کی سب سے بڑی خوبی جو اسے دیگر تصورات سے ممتاز کرتی ہے، اس اصول پر مبنی ہونا ہے کہ حاکمیت اور اقتدارِ اعلیٰ کا مالک فقط اللہ تعالیٰ ہے۔ فرمانِ الٰہی ہے : ‘‘حکم تو بس اللہ ہی کے لئے ہے وہی حق کی باتیں بیان کرتا ہے اور وہی سب سے بہتر فیصلہ کرنے والا ہے۔ ‘‘ (الانعام:۵۷) دوسری جگہ فرمایا : ‘’اس بات کو فراموش نہ کرنا کہ حکم اسی (اللہ) کا حکم ہے اور حساب لینے والوں میں اس سے جلد حساب لینے والا کوئی نہیں۔ ‘‘  (الانعام:۶۲)
2۔ 	پس اسلام کا انسانی حقوق کا دستور کائنات کو الٰہیاتی نظر سے دیکھتا ہے۔ وہ یہ دیکھتا ہے کہ کون سی چیز انسان کے لئے نفع رساں ہے اور کون سی ضرر رساں۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : ‘’بے شک ہم نے انسان کی راہنمائی سیدھے راستے کی طرف کر دی۔ اب اس کو اختیار ہے کہ شکر گزار رہے یا ناشکرا بن جائے۔ ‘‘ (الانسان:۳)
3۔ 	 اسلام میں انسانی حقو ق کی دوسری نمایاں خوبی ان کا دوام اور استحکام ہے۔ حالاتِ زمانہ کی گردشیں ان پر اثر انداز نہیں ہو سکتیں۔ علما نے جو حق کی تعریف کی ہے، اس سے اسلامی انسانی حقوق کی یہ فوقیت اور افضلیت کھل کر سامنے آ جاتی ہے :  ‘’حق سے مراد وہ مسلمہ صداقت و و اقعیت ہے جس سے انکار نہیں ہو سکتا۔ ‘‘یہ مسلمان دانشور ہی تھے جنہوں نے سب سے پہلے حقوق و فرائض کی تعریف کی اور ان کا دائرۂ کار متعین کیا۔ 
4۔ 	اسلام میں انسانی حقوق کی بنیاد ‘‘احسان’’ پر رکھی گئی ہے۔ اسلام میں انسانی حقوق ایسے چشمہ صافی سے پھوٹتے ہیں، جہاں ایک بندے کو ہر وقت اللہ کا خوف دامن گیر رہتا ہے۔ جہاں ہر وقت، ہر لمحہ انسان کو یہ خیال رہتا ہے کہ وہ خدا کو دیکھ رہا ہے یا خدا اسے دیکھ رہا ہے۔ ظاہر ہے اس مقام پر کھڑا ہو کر انسان حقوق کی پامالی کا تصور بھی نہیں کر سکتا اور اس مقامِ احسان کی تعریف نبی پاک ﷺ نے یوں بیان فرمائی ہے کہ :  تو اس طرح اللہ کی عبادت کر جیسے تو اللہ کو دیکھ رہا ہے۔ اگر تو اللہ کو نہیں دیکھ سکتا تو کم از کم یہ تصور ضرور ہو کہ خدا تجھے دیکھ رہا ہے۔ ‘‘
5۔ 	 پھر اسلام نے انسانی حقوق کا جو تصور دیا ہے، اس کے درمیان اور اس دین کی فطرت کے درمیان مکمل یکجہتی، یکسانیت اور ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ آپ دیکھیں گے کہ اسلام نے حقوق کو یوں ہی مطلق اور بے مہار نہیں چھوڑ دیا بلکہ ان کے اوپر احکامِ شریعت اور مقاصدِ شریعت کا فریم چڑھایا، ان کو آداب، اخلاق اور دین کا پابند بنایا اور پھر ان آداب اور اخلاقیات اور دین کی پامالی کو انسانی حقوق کی پامالی قرار دیا۔ گویا اسلام نے تمام حقوق کو الٰہی بنیادوں پر استوار کیا ہے اور اس بنیاد کو مکمل طور پر فطرتِ ربانیہ یعنی فطرتِ اسلام سے ہم آہنگ اور مربوط کر دیا ہے۔ 
6۔ 	چھٹی خصوصیت یہ ہے کہ اسلام میں حقوقِ انسانی کی بنیاد اس اصول پر قائم ہے کہ معاشرہ کی بالا دستی فرع اور افراد کی بالا دستی اصل ہے۔ معاشرہ کی بالا دستی کو اصل اور فرد کی بالا دستی کو اس کے تابع قرار دینا اسلام کی رو سے غلط ہے۔ لیکن دور حاضر کے انسان کا خود ساختہ نظام اسی اصول کا مرہونِ منت ہیں۔ چنانچہ فرمانِ الٰہی ہے : ‘’اسی وجہ سے ہم نے بنی اسرائیل کے لئے (تورات) میں لکھ دیا تھا کہ جس شخص نے کسی انسان کو جان کے بدلہ کے علاوہ یا زمین میں فساد برپا کرنے کی غرض سے قتل کیا تو گویا اس نے سب انسانوں کو قتل کر دیا اور جس نے کسی کو (قتل ناحق )سے بچا لیا تو وہ گویا سب لوگو ں کی حیات کا موجب ہوا ‘‘۔ (المائدة:۳۲)
7۔ 	 پھر یہ خوبی کیا کم ہے کہ اسلام نے اس وقت یہ حقوق دنیا کو دیئے، جب یورپ تو مکمل اندھیرے میں تھا ہی، ایران و روم جیسی روشن خیال ریاستیں بھی ان حقوق سے ناآشنا تھیں۔ پھر یہ حقوق جو اسلام نے انسان کو عطا کئے، کسی فکری کشمکش، انقلاباتِ زمانہ اور تحریکوں کے دباؤ کے نتیجے میں ظہور پذیر نہیں ہوئے، بلکہ اسلام میں حقوقِ انسانی کے تمام اُصول و احکام چودہ سو سال قبل وحی الٰہی کے چشمہ صافی سے پھوٹے تھے اور اس سے پہلے کوئی انسان بھی ان اصولوں سے آشنا نہیں تھا لیکن تاریخ شاہد ہے کہ فرانس اور برطانیہ میں انسانی حقوق کے شعور نے مختلف تحریکوں اور انقلابات کے بطن سے جنم لیا، وگرنہ یہ لوگ اس سے قبل حقوق انسانی کی ابجد سے بھی واقف نہیں تھے۔ 
یہ بات آپ پر مخفی نہیں کہ انسانی حقوق کے حوالے سے دیگر نظریات کے برعکس اسلام اپنی ساری توجہ انسان کے جذباتی شعور کو بیدار کرنے اور جھنجھوڑنے پر مرتکز کرتا ہے کہ وہ اللہ کی واحد ذات پر ایمان لے آئے اور اسی کو اپنا حاکم اور مقتدرِ اعلیٰ مان لے اور اس کے ساتھ یہ با ت بھی ذہن نشین کروا دینا چاہتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس نظامِ حیات میں روئے ارض پر بسنے والی ہر مخلوق کو مکمل طور پر ایک منظم اور مربوط شکل میں انسانی مصالح کا تابع اور مطیع بنا دیا ہے۔ 

انسان کے بنیادی حقوق

انسان کے بنیادی حقوق میں اہم حق یہ ہے کہ اس کو برتری اور فوقیت عطا کی جائے، اس کو جینے کے وسائل فراہم کئے جائیں اور حلال رزق عطا کیا جائے۔ چنانچہ اسلام نے ان حقوق کا خاص خیال رکھا اور انسان کو دیگر تمام مخلوقات پر ایک تفوق عطا کیا۔ 
اسلام نے بنیادی طور پر انسان کو چھ (6) حقوق فراہم کیے ہیں :
(1)	جان کا تحفظ-
(2)	 عزت و آبرو کا تحفظ- 
(3)	 مال کا تحفظ-
(4)	 اولاد کا تحفظ-
(5)	 روزگار کا تحفظ-
(6)	 عقیدہ و مذہب کا تحفظ-

انسانی جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت: 

یہ وہ بنیادی حقوق ہیں جن کے ذریعہ انسان معاشرہ میں پرامن زندگی گزار سکتا ہے -اولین چیز زندہ رہنے کا حق، اور انسانی جان کے احترام کا فرض ہے۔ یہ انسانی حقوق میں سب سے پہلا اور بنیادی حق ہے اس لیے کہ جان سب سے قیمتی اثاثہ ہے، اس کے اردگرد زندگی کی سرگرمیاں گھومتی ہیں، آنحضرت ﷺ کی بعثت سے قبل انسانی جانوں کی کوئی قیمت نہ تھی، سب سے پہلے آنحضرت ﷺ نے ان وحشی درندوں کو انسانی جان کا احترام سکھایا، اور ایک جان کے قتل کو ساری انسانیت کا قتل قرار دیا۔ قرآن پاک میں بھی اس کی تائید کی گئی چنانچہ ارشاد باری ہے : ‘‘جو شخص کسی کو (ناحق) قتل کرے گا (یعنی) بغیر اس کے کہ جان کا بدلہ لیا جائے، یا ملک میں خرابی کرنے کی سزا دی جائے اس نے گویا تمام لوگوں کا قتل کیا، اور جو اس کی زندگی کا موجب ہوا تو گویا تمام لوگوں کی زندگانی کا موجب ہوا۔ ’’(مائدہ 5 : 32)  اسی طرح ارشاد نبوی ہے : ‘‘رحم کرنے والوں پر اللہ رحم کرتا ہے، تم زمین والوں پر رحم کرو تم پر آسمان والا رحم کرے گا۔ ’’ دوسری حدیث میں ارشاد ہے : ‘‘اللہ اس شخص پر رحم نہیں کرتا جو انسانوں پر رحم نہ کرے۔ ’’ اور مال کے تحفظ کو یوں موکد کیا گیا ہے، ارشاد ربانی ہے : ‘‘اور ایک دوسرے کا مال ناحق نہ کھاؤ’’۔ (نساء 4 : 29) نیز نبی پاک ﷺ کا ارشاد ہے کہ : ‘‘لوگو!یقیناً تمہارے خون تمہارے مال اور تمہاری عزت تمہارے پاس قابل احترام ہے ’’ واضح رہے کہ انسانی زندگی کی بقاء کے لیے مال بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ 
جس طرح حق زندگی اور تحفظ مال، انسان کے بنیادی حقوق ہیں، اسی طرح عزت و آبرو کا تحفظ بھی انسان کا بنیادی حق ہے، چنانچہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : ‘‘اے ایمان والو! کوئی قوم کسی قوم سے تمسخر نہ کرے، ممکن ہے کہ وہ لوگ ان سے بہتر ہوں اور نہ عورتیں عورتوں سے، ممکن ہے کہ وہ اس سے اچھی ہوں اور اپنے (مومن بھائی) کو عیب نہ لگاؤ، اور ایک دوسرے کو برے نام سے مت پکارو۔ ’’ (الحجرات 49 : 11)

تحفظ آزادی (شخصی و مذہبی): 

اسلامی معاشرہ میں چونکہ ہر فرد کو مساوی حقوق حاصل ہیں کسی کا کسی پر بیجا دباؤ نہیں، ہر ایک آزاد اور خود مختار ہے اس لیے اسلام نے انسان کی شخصی آزادی کی بقاء کے لیے انسان کی نجی اور پرائیویٹ زندگی میں مداخلت سے دوسروں کو روکا ہے اور خواہ مخواہ کی دخل اندازی ٹوہ بازی اور بلا اجازت کسی کے گھر میں دخول سے منع کیا ہے۔ ارشاد حق ہے : ‘‘مومنو! اپنے گھروں کے سوا دوسرے (لوگوں ) کے گھروں میں گھر والوں سے اجازت لیے اور ان کو سلام کیے بغیر داخل نہ ہوا کرو’’۔ (نور 24 : 27) دوسری جگہ ارشاد ہے : ‘‘اے ایمان والو! بہت گمان کرنے سے احتراز کرو کہ (بعض) گمان گناہ ہے اور ایک دوسرے کے حال کی ٹوہ میں نہ رہا کرو اور نہ کوئی کسی کی غیبت کرے۔ ’’ (حجرات 49 : 12) اسی طرح اسلام میں مذہب اور ضمیر و اعتقاد کے تحفظ کی گارنٹی یوں دی گئی: ‘‘دین اسلام میں زبردستی نہیں ہے، ہدایت یقیناً گمراہی سے ممتاز ہو چکی ہے۔ ’’ (بقرہ 2 : 256)
آزادی کے حوالے سے یہ بنیادی بات کبھی نظر انداز نہیں ہونی چاہئے کہ جب تک حاصل نہ ہو انسان کا حق رہتی ہے، حاصل ہو جائے تو یہ آزادی سب سے بڑی ذمہ داری بن جاتی ہے۔ آزادی انسان کی امتیازی صفت بھی ہے اور اس کی سب سے بڑی آزمائش بھی۔ آزادی محض ایک لفظ نہیں ہے زندگی کا ایک رویہ ہے غلامی میں طاقتور انسان کمزور پر پابندیاں لگاتا ہے، آزادی میں انسان خود اپنے اوپر پابندیاں لگاتا ہے۔ انسانی زندگی کے لئے جو اہمیت آکسیجن کی ہے وہی اہمیت معاشرتی زندگی کے لئے آزادی کی ہے۔ آکسیجن نہ ہو تو فرد کا دم گھٹنے لگتا ہے آزادی نہ ہو تو پورے معاشرے کا دم گھٹنے لگتا ہے۔ اس سلسلے میں ایک اور اہم بات یہ ہے کہ انسان کی آزادی اس کے شعور کی بیداری سے وابستہ ہے اور اس حقیقت کے پیش نظر ختم نبوت کا اعلان اجتماعی طور پر پوری نسل انسانی کے با شعور ہونے کا اعلان بھی ہے۔ اسلام نے انسانی شعور کو اعلیٰ انسانی اقدار سے مربوط کر دیا ہے اور انہی اقدار کی روشنی میں انسانی معاشرے میں فکر و عمل کی حدود کا تعین بھی ہوتا ہے اسلام نے زندگی اور موت دونوں کے لئے دلیل فراہم کی ہے۔ اسلام میں انسان پر انسان کی حکومت کا کوئی تصور موجود نہیں ہے حاکمیت صرف اللہ کی ہے انسان کے ذمہ معاملات اور اشیاء کا انتظام ہے اللہ کی آخری اور مکمل ہدایت کی روشنی رسول کریمﷺ نے عالم انسانیت کو آداب معاشرت سکھائے ہیں ایمان اور عمل صالح کے پابند مومن افراد کے وسیلے سے آنحضرت ﷺ نے پورے معاشرے کو مسلمان بنایا ہے۔ اسلام میں آزادی کا تصور معاشرتی زندگی سے وابستہ ہے۔ رسول کریم ﷺ نے دین کی کنجی سے دنیا کا دروازہ کھول دیا۔ حیات و کائنات کا یہ حیرت انگیز نظام مکمل طور پر قوانین قدرت کی گرفت میں ہے۔ اسلام نے انسانی معاشرت کو بھی قانون قدرت سے ہم آہنگ کر دیا ہے۔ اسلامی تعلیمات کا ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ انسان زمین سے ایک رشتہ، بہت اہم رشتہ رکھتا ضرور ہے لیکن وہ شجر و حجر کی طرح زمین سے پیوستہ نہیں ہے انسانی وجود ان مادی وابستگیوں سے بہت بلند ہے انسان کا شخصی وجود ذات الٰہی کا پرتو ہے اور اس حیثیت میں وہ بہت سی ایسی صفات کا حامل ہے جو اس پورے نظام کائنات میں کسی بھی دوسرے وجود کو حاصل نہیں ہیں۔ اس حقیقت میں بھی انسانی آزادی کا ایک بہت اہم پہلو نمایاں ہو جاتا ہے۔ اسلام آزادی کا دین ہے اس لئے آزاد انسانوں کا دین ہے۔ اسلام نے انسان کو تکریم کا رتبہ دیا ہے اور تکریم میں آزادی بہرحال شامل ہوتی ہے۔ 
آزادی سے نسل انسانی کی وحدت کا شعور بھی وابستہ ہے خطبۂ حجۃ  الوداع خود اپنی جگہ حقوق انسانی کا عالمگیر منشور ہونے کی وجہ سے اسلام اور آزادی کے باہمی ربط کی بھرپور وضاحت کرتا ہے۔ معاشرتی زندگی میں آزادی کی حفاظت کے لئے اسلام میں حقوق سے زیادہ فرائض پر زور دیا گیا ہے، فرائض ادا ہوتے رہیں تو حق تلفیوں کے امکانات اسی نسبت سے کم ہو جاتے ہیں۔ قانون کی بالا دستی آزادی کی سب سے بڑی ضمانت ہے اسلامی نظام میں قانون کی مکمل بالا دستی کا ثبوت اس آیہ مبارک میں موجود ہے جس میں رسول کریمﷺ کی سیرت پاک کو بہترین نمونۂ عمل قرار دیا گیا ہے۔ حیات مقدس میں اللہ کے ہر قانون کی عملی تفسیر موجود ہے۔ قانون کی بالا دستی کی اس سے بڑی مثال ممکن نہیں۔ وہ اصول جنہیں ہم آزادی کے حوالے سے انسانی حقوق میں شامل کرتے ہیں قرآن میں ان کو فرائض کی صورت میں احکامات بنایا گیا ہے جان کا تحفظ، انصاف کا حصول، مساوات، معاشرتی نظام شرکت۔ نیکی میں باہمی تعاون، بدی کے کاموں میں عدم تعاون، جبر سے حفاظت، آزادی ضمیر اور آزادیِ  اظہار رائے، عقیدے کی آزادی، عزت نفس اور نیک نامی کا تحفظ، محنت کے مطابق ملکیت اور محنت کا معاوضہ۔ اسلام میں معاشرتی آزادی کو ان فرائض کی ادائیگی سے مربوط کیا گیا ہے۔ 

انسانی حقوق کی درجہ بندی:

انسانی حقوق کے بھی مختلف درجات ہیں۔ ایک ماں اور بیٹا اپنی نوع کے اعتبار سے دونوں انسان ہی ہیں مگر ماں کے حقوق کی اوّلیت اور فوقیت مسلمہ ہے۔ کوئی بھی مہذب معاشرہ والدین کے حقوق اور اولاد کے حقوق کو مساوی مرتبہ نہیں دے گا۔ انسانوں یا انسانیت کے لئے خدمات کی بنا پر حقوق کے ادنیٰ یا اعلیٰ ہونے کا تصور وابستہ ہے۔ 

والدین کے حقوق

حقوق العباد میں سب سے مقدم والدین کا حق ہے، اور یہ اتنا اہم حق ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حق عبادت کے بعد جس حق کا ذکر کیا وہ والدین کا حق ہے۔ ارشادِ باری تعالی ہے کہ:
‘‘ اللہ کی عبادت کرو، اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ، اور ماں باپ کی خدمت گزاری اچھی طرح کرو۔ ’’
حضور پاک ﷺ نے بھی والدین کے  ساتھ عزت و احترام محبت اور خدمت کی سخت تاکید کی تھی۔ ارشادِ نبوی ﷺ ہے :   تمہاری جنت تمہارے والدین ہیں اگر وہ خوش ہیں تو تم جنت میں جاؤ گے۔ 
حقوق والدین میں درج ذیل باتوں کا التزام کرنا بہت ہی ضروری ہے : 
1.	ان کے ہر معاملے میں ایسا رویہ اختیار کرنا کہ جس سے انھیں نا گواری اور گرانی نہ ہو، بلکہ انھیں مسرت و خوشی کا احساس ہو۔ 
2.	ان کے سامنے اُف کہنے سے روکا گیا ہے، والدین جوان ہوں یا بوڑھے، ہر عمر اور ہر مرحلے میں ان کے ادب و احترام کے تقاضوں کو ملحوظ رکھنا ہے، اور ہرگز ایسا رویہ اختیار نہیں کرنا جس سے ان کی بے ادبی اور گستاخی ہو۔ 
3.	جب والدین کی بات کے خلاف اپنے جذبات کے اظہار کے لیے ‘‘اُف اور ہوں ’’ وغیرہ کہنے کی اجازت نہیں ہے تو ڈانٹنے ڈپٹنے کی اجازت کیوں کر ہو سکتی ہے ؟
4.	ان کے سامنے دل کی گہرائی سے عاجزی کے بازو بچھائے رکھنا، یعنی ان کے سامنے ان کی رائے کے مقابلے میں تکبر اور سرکشی کے اظہار کی قطعاً اجازت نہیں ہے۔ 
5.	بڑھاپے میں زیادہ سے زیادہ ان کی اطاعت و فرماں برداری کرنا کیوں کہ اس عمر میں والدین اولاد کی خدمت و اطاعت کے زیادہ محتاج ہوتے ہیں۔ 
6.	ہمیشہ ان کے حق میں دعا گو رہنا کہ جس طرح انھوں نے بچپن میں ہمیں پالا پوسا  اسی طرح ان کے ساتھ اللہ تعالیٰ رحم و کرم کا معاملہ فرمائے۔ 
7.	کسی دوسرے کے ماں باپ کو برا بھلا نہ کہنا تاکہ کوئی الٹا ہمارے والدین کو کچھ نہ کہے۔ 

اولاد کے حقوق

جس طرح والدین کے اولاد پر حقوق ہیں، اسی طرح اولاد کے کچھ حقوق والدین پر بھی ہیں۔ ماں باپ جس طرح اولاد کی پرورش، خدمت اور تعلیم و تربیت کرتے ہیں وہ اولاد کا حق ہے۔ اولاد کی بہترین پرورش اور تعلیم و تربیت ماں باپ کا فرض بن جاتا ہے۔ ایک حدیث اس بات کو اس طرح ثابت کرتی ہے۔ ‘‘باپ جو کچھ اپنی اولاد کو دیتا ہے ان میں سب سے بہتر عطیہ اچھی تعلیم و تربیت ہے۔ ’’
والدین کا اولاد پر پہلا حق یہ ہے کہ وہ ان کی حفاظت کریں اور اس سے پہلے حق میں یہ شامل ہے کہ مائیں اپنے بچوں کو دودھ پلائیں، کیونکہ اسی دودھ سے اس کی نشو نما ہو گی، ان کے اندر قوت و توانائی آئے گی اور یوں ان کی حفاظت ہو گی۔ اگر ماں کسی وجہ سے بچے کو دودھ نہیں پلا سکتی تو اسلام نے یہ اجازت دی ہے کہ والدہ کے علاوہ دوسری عورت بچے کو دودھ پلا دے۔ اسے رضاعی ماں کہتے ہیں۔ اسلام میں رضاعی ماں کا درجہ بھی تقریباً حقیقی ماں کے برابر ہے۔ 
علاوہ ازیں والدین پر یہ بھی فرض ہے کہ اولاد کو محبت و شفقت سے پالیں اور مناسب پرورش کریں۔ 
والدین کا اولاد پر ایک حق یہ بھی ہے کہ اولاد کے درمیان تفریق نہ کریں، کیوں کہ نبی کریم ﷺ نے اولاد کے درمیان مساوات قائم کرنے کا حکم فرمایا ہے۔ 
اولاد کا ایک حق یہ ہے کہ والدین ان کی رزق حلال سے پرورش کریں، مائیں بھی اس کا بہت خیال رکھیں۔ 
اولاد کا ایک حق یہ ہے کہ والدین انھیں اچھی تعلیم دلوائیں، یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ تعلیم کا حاصل کرنا مرد اور عورت دونوں پر فرض ہے، لہذا والدین کو بھی چاہیئے کہ اولاد خواہ لڑکا ہو یا لڑکی انھیں تعلیم و ہنر سے ہر ممکن آراستہ کریں۔ 
اولاد کا اہم حق ہے اخلاق کی تربیت۔ اسلام میں صرف ذاتی نجات کافی نہیں، اسلام یہ ذمہ داری ہر شخص کے سپرد کرتا ہے کہ وہ دوسروں کی نجات کا بھی بندوبست کرے۔ خاندان کے سربراہ کا یہ فرض ہے کہ وہ اہل و عیال کی ایسی تربیت کرے کہ وہ اللہ کی عظمت کے قائل ہوں، اللہ کے احکام کو مانیں، اور آخرت کی فکر کریں، دنیاوی خوشحال کے علاوہ ابدی زندگی میں سرخروئی کا خیال کریں۔ 
علاوہ ازیں اولاد کے اہم حقوق درج ذیل ہیں : 
•	اچھا نام تجویز کرنا۔ 
•	حلال و حرام کا شعور پیدا کرنا۔ 
•	عبادت کی ادائیگی کا حکم کرنا۔ 
•	کثرت سے ان کے لیے دعائیں کرنا۔ 
•	اخلاق و کردار کی اصلاح کرنا۔ 
•	بے راہ روی اور برے دوستوں سے بچانا۔ 
•	جسمانی صحت و قوت کا بھرپور خیال رکھنا۔ 
•	دینی، اخلاقی، ثقافتی، فکری، نفسیاتی اور معاشرتی تربیت کرنا۔ 
•	اولاد کے درمیان عدل و مساوات قائم رکھنا۔ 
•	پیار و محبت اور شفقت و رحمت کا بلا تفریق برتاؤ کرنا۔ 

عزیزوں اور قرابت داروں کے حقوق

ہر انسان کے عزیز و اقارب ضرور ہوتے ہیں اور زندگی بھر ان سے تعلق قائم رہتا ہے۔ اللہ نے ان کے بہت سے حقوق مقرر فرما دئیے ہیں :‘‘جو کچھ اپنے مال میں سے خرچ کرو گے اس میں والدین کا بھی حق ہے اور قرابت داروں کا بھی۔ ’’
حضور پاک ﷺ نے بھی عزیزوں اور رشتہ داروں کے حقوق مقرر کر دئیے اور فرمایا:‘‘رشتہ داروں سے تعلق توڑنے والا جنت میں نہیں جائے گا۔ ’’
اس سے یہ بات واضح ہوئی کہ رشتہ داروں کے ساتھ حسن سلوک کرنا، ان کے ساتھ امداد و تعاون کا معاملہ کرنا، ان پر احسان نہیں، بلکہ وہ حق ہے جو اللہ تعالیٰ نے اصحاب حیثیت پر ان کے رشتہ داروں کے معاملہ میں عائد کیا ہے، اگر وہ اسے ادا نہیں کریں گے تو وہ عند اللہ ادائیگی حق میں کوتاہی کے مجرم سمجھے جائیں گے۔ 
اس طرح یہ بات ظاہر ہو گئی کہ قرآن مجید اور احادیث نے عزیزوں اور رشتہ داروں کے بہت سے حقوق مقرر فرما دئیے ہیں۔ یعنی ان کی خوشی اور غم میں شریک ہو، غریب رشتہ داروں کی مدد کی جائے اور اسی طرح کے بہت سے ایسے کام کرنا جن سے رشتہ داروں سے تعلقات خوشگوار قائم رہیں ہمارے فرائض میں شامل ہیں۔ 
اگر لوگ صحیح معنوں میں اس پر عمل کریں تو کسی ضرورت مند کو کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی یا دربدر ٹھوکر کھانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی، کیوں کہ ہر خاندان میں چند افراد ضرور صاحب حیثیت ہوتے ہیں۔ اسی طرح ہر خاندان کے لوگ ایک دوسرے کے حالات سے بھی بخوبی واقف ہوتے ہیں۔ اگر ہر خاندان کے اصحاب حیثیت اپنے اپنے خاندان کے ضرورت مندوں کی خاموشی کے ساتھ آبرومندانہ طریقے سے مدد کر دیا کریں، کوئی بے سہارا یتیم و بیوہ ہو، تو اس کی کفالت کریں، کوئی مریض علاج کرانے سے قاصر ہو، تو اس کے علاج و معالجہ کا انتظام کریں، جوان بچیاں گھر میں ہوں، تو ان کی شادیوں میں تعاون کریں، کاروباری مشکلات میں مبتلا افراد کے لیے دست تعاون دراز کریں، اور از سر نو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی کوشش کرے۔ اگر ایسا ہونا شروع ہو جائے، تو غربت و افلاس کا بھی خاتمہ ہو جائے اور با عزت لوگوں کا بھرم بھی قائم رہے۔ 
اکثر لوگ رشتہ داروں کا حق ادا کر کے ان پر احسان جتائے ہیں اور ان کی عزت نفس اور وقار کو مجروح کرتے ہیں، جس سے ان کی نیکیاں برباد ہو جاتی ہیں، اللہ تعالیٰ نے اس بات سے متنبہ فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا : ‘‘ اے ایمان والو! احسان جتا کر اور تکلیف دہ باتیں کر کے اپنے صدقات ضائع مت کرو۔ (بقرہ : 264)
یہی وجہ ہے کہ ایک رشتہ دار، باوجود غریب اور ضرورت مند ہونے کے، اپنے کسی مال دار رشتہ دار سے مالی تعاون لینے سے بالعموم گریز کرتا ہے۔ یوں ہمارے رویہ سے کتنے ضرورت مند رشتہ دار ہیں کہ وہ ہمارے تعاون سے محروم رہتے ہیں۔ اس چیز نے اسلام کی اس خصوصی تعلیم کے ثمرات و فوائد اور برکات سے معاشرے اور خاندانوں کو محروم کر رکھا ہے۔ 

پڑوسیوں کے حقوق

پڑوسی تین طرح کے ہوتے ہیں : رشتہ دار پڑوسی، اجنبی پڑوسی، عارضی پڑوسی۔ رشتہ دار پڑوسی تو وہ ہے جس کے ساتھ نسبی اور خاندانی قرابت ہے۔ اس کے ساتھ گویا دوہرا تعلق ہوا۔ جس کو ہر موقع پر ملحوظ رکھنا ہے۔ اس کے ساتھ حق رشتہ داری بھی ادا کرنا ہے اور ہمسائیگی کا حق بھی۔ 
اجنبی پڑوسی وہ ہے جس کے حسب و نسب سے آپ آگاہ نہیں۔ آپ اس کے لیے بیگانہ اور اجنبی ہیں اور وہ آپ کے لیے اجنبی۔ لیکن وہ آپ کا پڑوسی ہے۔ اس لیے اجنبیت اور بیگانگی کے باوجود اس کے ساتھ ہمسائیگی کا حق ادا کرنا ضروری ہے۔ 
عارضی پڑوسی کا مطلب یہ ہے کہ کوئی شخص آپ کے ساتھ بس میں، ریل میں یا ہوائی جہاز وغیرہ میں ہم سفر ہے وہ آپ کے ساتھ والی نشست پر بیٹھا، وہ بھی وقتی طور پر آپ کا پڑوسی ہے۔ آپ اپنے حسن اخلاق و کردار سے اسے بھی متاثر کر سکتے ہیں اور اپنی بد مزاجی، بد اخلاقی اور بد زبانی سے متنفر بھی۔ 
ان تینوں قسم کے پڑوسیوں سے اچھا سلوک کرنے کا حکم ہے۔ پڑوسی صرف وہی نہیں جس کا گھر آپ کے گھر کے ساتھ یا سامنے ہو، بلکہ ارد گرد کے رہنے والے سب پڑوسی ہیں۔ مگر جو پڑوسی گھر سے بالکل نزدیک رہتے ہیں ان کا ہم پر حق سب سے زیادہ ہے اور وہ ہماری توجہ کے سب سے زیادہ مستحق ہیں۔ ہمیں کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہئے جو ہمارے پڑوسیوں کو تکلیف پہنچائے۔ نبی پاک ﷺ ہمسایوں کے بارے میں ارشاد فرماتے ہے کہ:‘‘اللہ کی قسم وہ مومن نہیں ہو سکتا، بخدا وہ مومن نہیں ہو سکتا، واللہ وہ شخص مومن نہیں ہو سکتا، پوچھا گیا یا رسول اللہ کون مومن نہیں ہو سکتا ؟ آپ نے فرمایا : وہ آدمی جس کے پڑوسی اس کی شرارتوں سے محفوظ نہ ہوں ’’
اللہ اور رسول ﷺ نے ہمسایوں کے حقوق کے بارے میں بہت زیادہ تاکید فرمائی ہے۔ یہاں تک کہ آپ ﷺ نے تو بار بار پڑوسیوں کے حقوق اس انداز میں مقرر فرمائے کہ یہ ڈر ہوا کہ کہیں وراثت میں ان کا حق نہ مل جائے۔ لہذا ہمیں ہمسایوں سے حسنِ سلوک سے پیش آنا چاہئے۔ آپ ﷺ کا فرمان ہے جس سے ہمسایوں کے حقوق کی مکمل وضاحت ہو جاتی ہے :‘‘کوئی شخص اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک وہ خود پیٹ بھر کے کھا لے اور اس کا پڑوسی بھوکا رہ جائے۔ ’’
مذکورہ احادیث سے جہاں پڑوسی کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید سمجھ میں آتی ہے وہاں پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کے آداب و حدود بھی واضح ہو جاتے ہیں۔ مثلاً ً:
•	ان کے ساتھ اپنوں کا سا معاملہ کیا جائے، نہ کہ غیروں کا سا۔ 
•	ہمسایوں کا دوست بن کر رہا جائے، نہ کہ دشمن۔ 
•	ان کا ہمدرد اور خیر خواہ ہونا چاہیئے، نہ کہ ان کا بد خواہ اور سنگدل۔ 
اس کے علاوہ یہ حسن سلوک کمال ایمان کے لیے بھی ضروری اور آخرت میں سرخروئی کے لیے بھی، ایک مومن اس طرح ہی اللہ کے ہاں بہتر درجہ حاصل کر سکتا ہے۔ 

استادوں کے حقوق

اسلام نے تعلیم حاصل کرنے پر بہت زور دیا کیونکہ آنحضرت ﷺ کو جو پہلا پیغام ملا تھا وہ لفظ اقرأ سے ملا تھا۔ علم انسان کے لئے اس قدر اہم چیز ہے کہ ماں کی گود سے لے کر قبر تک جاری رہتا ہے اور ہر شخص یعنی مرد و عورت، جوان و بوڑھے پر ایک فرض کی طرح عائد کیا گیا ہے۔ 
جب علم کی اس قدر اہمیت ہے تو معلم کی اہمیت بھی کچھ کم نہیں ہو سکتی۔ مختصراً یہ کہ والدین جو ہماری پیدائش اور تعلیم و تربیت کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔ اور معلم جو ہماری نشو نما کے ذمہ دار ہوتے ہیں تو والدین کی طرح سے ہی معلم بھی عزت و احترام کے مستحق ہیں۔ 

عورتوں کے حقوق:

اعلان نبوت سے قبل عورتوں کی حالت بڑی ناگفتہ بہ تھی، معاشرہ میں اس کی حیثیت سامان لذت سے کچھ زیادہ نہ تھی، معاشی، سماجی ہر لحاظ سے بے بس تھی نبی پاک ﷺ نے اس سسکتی، بلکتی عورت کی فریاد رسی کی اس کے حقیقی مقام کو متعین فرمایا: چنانچہ حجۃ الوداع کے موقع پر ان کے حقوق کو بھی تفصیل کے ساتھ بیان فرمایا۔ اسی طرح قبل از اسلام اسقاط حمل اور دختر کشی کی رسم عروج پر تھی، اسلام نے سختی کے ساتھ اس گھناؤنے فعل سے منع کیا۔ ارشاد خداوندی ہے : ‘‘اپنی اولاد کو فقر و فاقہ کے خوف سے نہ قتل کرو، ان کو اور تم کو روزی ہم ہی دیتے ہیں۔  یقیناً یہ بڑا گناہ ہے۔ ’’ (اسراء 17 : 31) اسلام نے ان تمام قبیح رسوم کا خاتمہ کر دیا جو عورت کے انسانی وقار کے منافی تھیں اور عورت کو وہ حقوق عطا کیے جس سے وہ معاشرے میں اس عزت و تکریم کی مستحق قرار پائی جس کے مستحق مرد ہیں۔ 

بچو ں کے حقوق:

اسلام نے بچوں کو بھی وہی مقام دیا ہے جو بنی نوع انسانیت کے دیگر طبقات کو حاصل ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے بچوں کے ساتھ جو شفقت اور محبت پر مبنی سلوک اختیار فرمایا وہ معاشرے میں بچوں کے مقام و مرتبہ کا عکاس بھی ہے اور ہمارے لیے راہ عمل بھی۔ اسلام میں بچوں کے حقوق کی اہمیت کا اندازہ اس امر سے ہوتا ہے کہ اسلام نے بچوں کے حقوق کا آغاز ان کی پیدائش سے بھی پہلے کیا ہے۔ ان حقوق میں زندگی، وراثت، وصیت، وقف اور نفقہ کے حقوق شامل ہیں۔ بچوں کے حقوق کا اتنا جامع احاطہ کہ ان کی پیدائش سے بھی پہلے ان کے حقوق کی ضمانت فراہم کی گئی ہے دنیا کے کسی نظام قانون میں اس کی نظیر نہیں ملتی۔ 

غلاموں، یتیموں اور حاجتمندوں کے حقوق: 

زمانہ جاہلیت میں غلاموں اور غریبوں کے حقوق بھی پامال کیے جاتے انہیں حقارت و ذلت کی نظر سے دیکھا جاتا تھا، اسلام نے انہیں بھی اتنے حقوق دئیے کہ ان کی سطح زندگی بلند کرنے میں کوئی دقیقہ اٹھا نہیں رکھا۔ چنانچہ ایسے ایسے اصول و قوانین طے کیے جن سے لوگ زیادہ سے زیادہ غلامی کی طوق سے نکل سکے بریں بنا بہت سے گناہوں اور حکم عدولیوں کا کفارہ غلاموں کی آزادی رکھی، اور ان کے ساتھ حسن سلوک کا حکم فرمایا۔ 
ارشاد خداوندی ہے : ‘‘اور ماں باپ کے ساتھ نیک برتاؤ کرو، رشتہ داروں، یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آؤ۔ (نساء : 36)
یتیموں سے حسن سلوک کی اہمیت اس سے ظاہر ہے کہ اس کا ذکر والدین اور رشتہ داروں کے ساتھ کیا گیا ہے۔ ایک اور مقام پر فرمایا گیا  : ‘‘یتیم پر سختی نہ کرو، اور سائل کو نہ جھڑکو’’ (ضحی : 9،10)
یتیم اسے کہا جاتا ہے جو نابالغ ہو اور اس کا  باپ فوت ہو گیا ہو۔ اسلام نے یتیموں کے حقوق کی تقسیم اس طرح کی ہے : 1۔ حسن سلوک، 	2۔ مالی امداد، 	3۔ معاشی تحفظ۔ 
یہاں یہ بات اہم ہے کہ یتیم کے ساتھ محض زبانی ہمدردی کافی نہیں۔ یتیم کو مالی، اخلاقی امداد اور معاشی تحفظ کی ضرورت ہے۔ 
یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ مال داروں کے مال میں سے جو صدقہ نکالنے کا حکم دیا گیا ہے، یہ ان کا احسان نہیں، بلکہ یہ تو حاجت مندوں کا ان پر حق ہے جس کی ادائیگی ان کی اخلاقی،، مذہبی  اور انسانی ذمہ داری ہے۔ صرف فرض صدقات ہی پر حاجت مندوں کا حق نہیں، بلکہ نفلی صدقات میں بھی یہی صورت حال ہے۔ 
یوں ہی معاشی تحفظ سے متعلق یہ بات قابل توجہ ہے کہ اگر کوئی یتیم صاحب جائداد ہے تو اس کے ولی اور سرپرست پر فرض ہے کہ وہ اس کی جائداد کی دیکھ بھال بحسن و خوبی اس کے بالغ ہونے تک کرے  اور یہ کام بلا معاوضہ کرے۔ البتہ ولی اگر خود غریب ہے تو ضرورت کے مطابق معاوضہ لے سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ بات بھی ہے کہ مال اور جائداد سے ناجائز فائدہ نہ اٹھائے۔  

عمر رسیدہ افراد کے حقوق:

اسلامی معاشرے میں عمر رسیدہ افراد خصوصی مقام کے حامل ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے بزرگوں کی عزت و تکریم کی تلقین فرمائی اور بزرگوں کا یہ حق قرار دیا کہ کم عمر اپنے سے بڑی عمر کے لوگوں کا احترام کریں اور ان کے مرتبے کا خیال رکھیں۔  آپ ﷺ نے فرمایا: ‘‘وہ ہم سے نہیں جو ہمارے چھوٹوں پر حم نہ کرے اور ہمارے بڑوں کی عزت نہ کرے۔  ‘‘
حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: ‘‘جو شخص کسی بوڑھے کی اس کے بڑھاپے کی وجہ سے عزت کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس جوان کے لیے کسی کو مقرر فرما دیتا ہے جو بڑھاپے میں اس کی عزت کرے۔ ’’

معذور افراد کے حقوق:

معذور افراد انسانی معاشرے کا وہ حصہ ہیں جو عام افراد کی نسبت زیادہ توجہ کے مستحق ہیں۔ کوئی بھی مہذب معاشرہ معذوروں کو نظر انداز کرنے یا انھیں معاشرے میں قابل احترام مقام سے محروم رکھنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ اسلام تکریم انسانیت کا علمبردار دین ہے۔  اسی لیے اسلام نے زندگی کے معاملات میں ہر فرد کو بلا تمیز رنگ و نسل یا سماجی مرتبہ کے مساوی حیثیت عطا کی ہے۔ یہ عام معاشرتی رویہ ہے کہ معذور افراد کو زندگی کے عام معاملات اور میل جول میں نظر انداز کرنے کی روش اختیار کی جاتی ہے۔ قرآن کریم نے اس روش کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے نفس انسانیت کو عزت و وقار کا مستحق قرار دیا۔ 

اسلام میں غیر مسلموں کے حقوق

نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ:‘‘ مومنوں کے حقوق  آپس میں برابر ہیں۔ کسی غیر مسلم کے بدلے کسی مسلمان کو قتل نہ کیا جائے۔ اور کسی معاہد کو اس کی مدت معاہدہ میں قتل نہ کیا جائے۔ ’’ غیر مسلموں کے حقوق کی اہمیت بیان کرتے ہوئے آپ ﷺ نے فرمایا کہ :‘‘جس نے کسی معاہد کو قتل کیا وہ جنت کی خوشبو بھی نہیں سونگھے گا۔ ’’اس کا مطلب یہ ہے کہ اسے جنت سے بہت دور رکھا جائے گا۔ حالانکہ اس کی خوشبو چالیس برس کی مسافت تک محسوس ہوتی ہے۔ گویا آپ ﷺ نے غیر مسلموں کے حقوق کی ادائیگی کو دنیا سے لے کر آخرت تک کے احاطے کو بیان کیا۔ 
غیر مسلموں کے بیرونی وفود حضور نبی اکرم ﷺ کی خدمت میں آتے تو آنحضرت ﷺ خود ان کی میزبانی فرماتے چنانچہ جب مدینہ منورہ میں آپ ﷺ کی خدمت میں حبشہ کے عیسائیوں کا ایک وفد آیا تو آپ ﷺ نے ان کو مسجد نبوی میں ٹھہرایا اور ان کی مہمان نوازی خود اپنے ذمہ لی اور فرمایا: ‘‘ یہ لوگ ہمارے ساتھیوں کے لیے ممتاز و منفرد حیثیت رکھتے ہیں اس لیے میں نے پسند کیا کہ میں بذات خود ان کی تعظیم و تکریم اور مہمان نوازی کروں ‘‘

خاتمہ

یہ اخلاقی ضابطہ اخلاق اس کے سوا اور کچھ نہیں کہ دوسروں کے حقوق اور ان کے وقار کا تحفظ کیا جائے۔ اسلام ہمیں اپنے حقوق کا خیال رکھتے ہوئے دوسروں کے حقوق کے تعین کرنے کا درس دیتا ہے۔ ایک آدمی اچھی طرح جانتا ہے کہ اس کے اپنے کیا حقوق ہیں لیکن دوسروں کے حقوق کا احترام کرنے میں ناکام رہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پیغمبر اسلام ﷺ نے کہا۔ ‘‘تم میں سے کوئی بھی اس وقت تک صحیح مسلمان نہیں ہو سکتا جب تک وہ اپنے بھائی کے لئے بھی وہی پسند نہ کرے جو وہ اپنے لئے پسند کرتا ہے۔ ’’ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ‘‘دوسروں کے ساتھ ویسا ہی سلوک کرو جیسا کہ تم چاہتے ہو کہ تمہارے ساتھ ہو۔ ’’ اللہ تعالیٰ نے فرمایا۔ ‘‘ہم نے ان سے کوئی ناانصافی نہیں کی بلکہ انہوں نے خود اپنے اوپر ظلم کیا اور ناانصافی کی۔ ’’(سورہ النحل۔ 118) اسلام نے ہر فرد کو اس امر کا ذمہ دار ٹھہرا دیا ہے کہ وہ اپنا احتساب خود کرے کہ وہ دوسروں کے حقوق کس قدر پورے کرتا ہے اور ساتھ ہی ان قوانین کو اپنی مقدس تعلیمات کے ذریعے تحفظ بھی فراہم کر دیا ہے جس کے تحت انسانوں کے درمیان باہمی تعلقات کو سمجھنے کے لئے تمام اخلاقیات کو بڑی شرح و بساط کے ساتھ کھول کر بیان کر دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں وہ انسانی حقوق کو یقینی بنانے کے لئے بڑے سخت قوانین پیش کرتا ہے۔ خواتین، میاں بیوی، شہریوں، بچوں، مزدوروں اور صاحب جائیداد سب افراد کے حقوق واضح اور متعین کر دئیے گئے ہیں۔ جو آج سول رائٹس اور اقتصادی حقوق میں موجود ہیں۔ 
حضور اکرم ﷺ نے تمام انسانوں کی بہتری اور بقاء کے لئے اپنے اعمال، کردار اور اخلاق و اقوال سے ایسا نمونہ پیش کیا جو قیامت تک کے لئے سب کی رہبری کرتا رہے گا۔ آپ ﷺ رحمتِ عالم تھے۔ یہی وجہ تھی کوئی بھی طبقہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کی توجہ اور حسن سلوک سے محروم نہ تھا۔ اپ ﷺ سب سے پہلے خود حقوق ادا کرتے اور پھر دوسروں کو تاکید فرماتے تھے۔ 
نبی پاک ﷺ کی زندگی ہمارے لیے بہترین نمونہ عمل ہے، لہذا ہم مسلمانوں کو چاہیئے کہ پوری طرح اپنی زندگی کو آپ ﷺ کی زندگی میں ڈھالنے کی کوشش کریں، اور پھر دیکھیں کہ کس قدر امن و سلامتی اور پیارو محبت کی ضیاء پاش کرنیں ہمارے معاشرے کو معطر کرتی ہیں۔ 




اِسلام کی بنیادی باتیں 

قرآن مجید جن بنیادی موضوعات کو راسخ کرانا چاہتا ہے ان میں سے خدا کا واضح اور درست تصور ہے۔ جن کی رفتہ رفتہ پہچان کرانا قرآن مجید کا مرکزی مضمون ہے۔ 
یہاں ہم تصور خدا سے متعلق پہلے کچھ جدید علوم کی روشنی میں بحث کرنے کے بعد قرآن کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔ 

مقدمہ

وجود خالق کائنات کے دلائل کی بحث ایک قدیم زمانہ سے چلی آ رہی ہے اور مختلف زمانہ میں مختلف طریقوں سے بحث ہوتی رہی ہے نیز دلائل و برہان بھی بدلتے رہے ہیں۔ 
اور جب سے اِنسان نے شعور اور ترقی کی طرف قدم اٹھانا شروع کیا ہے اسی وقت سے اس کی دلی خواہش یہ رہی ہے کہ وہ ‘‘ماوراء الغیب’’ کی باتوں کا پتہ لگائے، کیونکہ اس کی فطرت میں یہ بات داخل ہے کہ وہ مختلف اشیاء کے حقائق اور انتہا کا پتہ لگانے کے لیے بے چین رہے، اور اس کے ذہن میں ہمیشہ یہ سوال اٹھتا رہتا ہے کہ وہ کہاں سے آیا؟ اور اس کی کیسے خلقت ہوئی؟ اور اسے آخر کہاں جانا ہے ؟
چنانچہ اسی فطرت کے تحت اس نے کائنات کے بارے میں معلومات کرنا شروع کی اور اس سلسلہ میں غور و فکر سے نہیں  گھبرایا اپنی استعداد کے مطابق اس نے ہر زمانہ میں اپنی کوشش جاری رکھی اور خالق کائنات کے وجود کی بحث اور اس کائنات کے اسرار کی معلومات ایک مقدمہ رہی ہے جس کا سمجھنا مشکل کام رہا ہے اگرچہ اِنسان نے اپنی بھر پور کوشش صرف کر دی ہے۔ 
اور جب اِنسان نے اشیاء کے حقائق سمجھ لیے تو اس نے سب سے پہلے  وجود کو محدود اور بسیط پایا اس کے بعد اس نے مرور زمانہ کے ساتھ اپنی معرفت کے لحاظ سے اس دائرہ معرفت کو وسیع کیا چنانچہ اس نے اپنی عقل کے معیار کے مطابق اس کائنات کے خالق کے وجود کے بارے میں اعتقاد پر دلیل قائم کی۔ 
اسی وجہ سے ہم دیکھتے ہیں کہ اس قدیم زمانہ میں اِنسان نے حیوانات، ستاروں اور دوسرے جمادات کی عِبادت کی اور ان کو اپنا خدا تصور کیا، ان کا عقیدہ یہ تھا کہ یہی موت و حیات دیتے ہیں، یہی خلق کرتے ہیں، یہی رِزق دیتے ہیں، یہی عطا کرتے ہیں اور کسی چیز میں مانع ہوتے ہیں اور صرف ان کی عِبادت یا ان کی تصدیق پر ہی اکتفاء نہ کی بلکہ یہ ان کے لیے قربانی کیا کرتے تھے اور ان سے قریب کرنے والے کاموں کو کیا کرتے تھے تاکہ ان تک خیر و برکت پہنچے اور ان سے بلاء  و شر دور رہے۔ 
چنا نچہ اِنسانوں کے ایک گروہ  نے جب سورج کو دیکھا کہ وہ سب چیزوں کو حیات و رُشد عطا کرتا ہے اور اس کے بغیر کوئی بھی چیز زندہ نہیں  رہ سکتی لہٰذا اسی کو خدا مان بیٹھے۔ 
جب انہوں نے چاند کو رات کے اندھیروں میں بھٹکتے ہوئے لوگوں کو نور دیتے ہوئے دیکھا تو اسی کو خدا مان لیا۔ 
جب انہوں نے ان ستاروں کو دیکھا جو اپنی شعاعوں کی چمک دمک کو ایک دور دراز مقام سے زمین کی طرف بھیجتے ہیں جو اِنسان کو سرگرداں اور حیران کر دینے والی ہیں جو فکر اِنسان کو متحرک کر کے مسدود کر دیتی ہیں تو اِنسان یہ سمجھا کہ یہی ستارے خدا ہیں جن کی چمک دمک کائنات کو حیران و پریشان کیے ہوئے ہے۔ 
اور آخر میں جب اُنہوں نے بعض ان حیوانات کو دیکھا جن کے ذریعہ سے ان کے کھانے پینے یا پہننے کی چیزیں حاصل ہوتی ہیں یا ان میں عجیب و غریب چیزیں پائی جاتی ہیں یا ان کی قوت اور بھاری جسم کو دیکھا تو اِس اِعتقاد کے ساتھ کہ یہی خدا ہیں اُن کی ہی عِبادت شروع کر دی۔ !!
یہ باتیں صرف اس بات پر دلالت کرتی ہیں کہ اِنسان اپنی فکر و عقل میں کمزور تھا جس طرح سے یہ بات بھی واضح ہے کہ اِنسان کی صحیح و سالم فطرت اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ کوئی خدا ہے جس نے اس کائنات کو پیدا کیا ہے۔ 
لیکن جب خداوند عالم نے آسمانی کتابیں اور انبیاء و مرسلین بھیجے تو اِنسان کو یہ معلوم ہوا کہ ان تمام چیزوں کا خالق ہی ہمارا ربّ ہے۔ 
زمانۂ قدیم سے لوگ خدا کے تصور سے وابستہ رہے مگر یہ ناقص اور غیر حقیقی معرفت تھی۔ وہ رب حقیقی کے ساتھ دوسرے معبودوں کی عِبادت بھی کرنا ضروری سمجھتے تھے۔ اپنے تراشوں ہوئے معبودوں سے اُن کی وارفتگی، اور خشیت، حقیقی معبود سے کہیں بڑھ کر ہوتی  تھی۔ 
الوہیت و معبودیت کی حقیقت سے معرفت نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں نے انبیائے کرام سے شدید دشمنی رکھی کیوں کہ وہ صرف اور صرف معبودِحق کی عِبادت پر زور دیتے تھے اور دِلوں میں سمائے باقی تمام معبودوں کی عِبادت کا اِنکار کرتے تھے۔ 
جو لوگ خدا کی صحیح معرفت نہیں رکھتے تھے وہ دوسرے معبودوں کو شریک کر لیتے اور ایک گروہ ایسا بھی رہا جو سرے سے خدا کا قائل ہی نہیں رہا، اس گروہ کے نزدیک زندگی کا آغاز اچانک ہوا۔ اور مختلف اتفاقات سے اس میں ترقی ہوئی۔ ایک سے دوسرا مرحلہ بلا کسی حکمت و ہدف کے طے ہو رہا ہے۔ 
قدیم زمانہ میں یہ گروہ مشرکین کی نسبت بہت کم ہوا کرتا تھا، لیکن موجودہ زمانہ میں انھیں کی کثرت ہو رہی ہے۔ مشرق و مغرب میں ان کا ایک ہی تصور حیات ہے : ‘‘ مرنا جینا بس اسی دنیا میں موقوف ہے، اور ہم دوبارہ ہرگز نہیں زندہ ہوں گے ’’ جب ان کا کسی خالق پر ایمان نہیں تو وحی کے وجود پر ایمان کیا ہو گا۔ 
ان حضرات کا کل علم یا تو ان مذاہب سے ماخوذ ہے جن کے پاس سرے سے نہ کوئی آسمانی کتاب ہے اور نہ وہ اس کا دعویٰ کرتے ہیں،  یا پھر آسمانی ادیان میں سے ان کی گہری نظریں محض تحریف شدہ یا منسوخ کتابوں پر ٹکی ہیں، ان خرافات کے مطالعہ کے بعد ان حضرات کا ہر سچائی سے اعتبار اٹھ گیا۔ حق کے اصل سرچشمے تک ان کی رسائی نہ ہو سکی، خود ان کی فطرت اتنی شفاف نہ رہ سکی کہ کسی صحیح سمت میں انھیں لے جاتی۔ 

معرفت الٰہی کی اہمیت

اگر اِنسانی ذہن کسی معبود کے تصور سے خالی ہو تو نہ اطاعت کا سوال پیدا ہوتا ہے اور نہ کسی آئین کی پابندی کا۔ کیونکہ جب کوئی منزل سامنے نہ ہو گی تو منزل کی سمت بڑھنا بے معنی ہو گا، اور جب کوئی ہدف پیش نظر نہ ہو گا تو اس کے لیے تگ و دو کرنے کا کیا مطلب ہے ؟!البتہ جب اِنسان کی عقل و فطرت، اس کا رشتہ کسی مافوق فطرت طاقت سے جوڑ دیتی ہے اور اس کا ذوق پرستاری و جذبہ عبودیت اسے کسی معبود کے آگے جھکا دیتا ہے تو وہ من مانی نہیں کرتا اور اپنے آپ کو قانون کے دائرہ میں محدود کر لیتا ہے، اسی قانون کا نام دین ہے۔ جس کا نقطہ آغاز خالق کی معرفت ہے۔ 
تصور خدا وہ بنیادی عنصر ہے جس پر ہر چیز کا دارومدار ہے۔ پورا اِسلامی ڈھانچہ اسی پر ٹکا ہوا ہے۔ اعتقادات ہوں یا عملیات سب کی بنیاد خداوند کا تصور ہے۔ اخلاقی احکام، تمدنی قوانین ان سب کی قدر و قیمت اور اہمیت تصور خدا پر ہے۔ اگر درمیان سے تصور خدا ہٹ جائے تو نہ رسول کی رسالت رہے گی، نہ قوانین شریعت کا نفاذ،نہ معاد کا تصور ہو گا نہ جزا و سزا کی فکر،نہ اخلاقیات کی عظمت ہو گی اور نہ ان کا تقدس باقی رہے گا، نہ مدنی قوانین کا پاس و لحاظ اور نہ ہی حقوق و واجبات کی معنویت اور پھر پورا اِسلامی نظام   بے معنی ہو کر رہ جائے گا۔ 

معرفت الہی جدید علوم کی روشنی میں

موجودہ دور جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ اس ترقی یافتہ دور میں  ہر نظرئیے کو سائنس کی کسوٹی پر پرکھا جا رہا ہے اور جو نظریہ اس معیار پر پورا نہیں  اُترتا اسے رد کیا جا رہا ہے۔ لیکن یہ عجیب بات ہے کہ خدا کے وجود کی سب سے مستحکم اور ناقابل تردید شہادت سائنس ہے۔ 
سائنس یہ مان چکی ہے کہ کائنات کا وجود ابدی نہیں ہے۔ یہ آج سے پندرہ بلین سال قبل ایک عظیم دھماکے (Big Bang) کے نتیجے میں وجود میں آئی۔ سوال یہ ہے کہ ایسا کیوں ہوا اور کس نے کیا۔ اس بات کے جواب میں سائنس بالکل خاموش ہے۔ وہ صرف اتنا بتا دیتی ہے کہ یہ دھماکہ کسی خارجی طاقت کی مداخلت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ لیکن یہ خارجی طاقت کون تھی اور اس نے ایسا کیوں کیا، اس کا جواب سائنس کے دائرہ کار سے باہر ہے۔ 
اس بات کا جواب صرف مذہب اِسلام دیتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ کائنات کو اللہ تعالیٰ نے بنایا۔ 
ملحدین (یعنی خدا کے منکر) مذہب کے اس دعوے کے جواب میں فوراً کہتے ہیں کہ پھر خدا کو کس نے بنایا۔ لیکن یہ قطعاً ایک غیر عقلی اور غیر منطقی سوال ہے۔ کائنات اور اسکی ہر چیز کے بارے میں ایک خالق کا سوال اس لیے پیدا ہوتا ہے کہ ان کا تجزیہ کر کے یہ بتایا جا سکتا ہے کہ انہیں ایک خالق کی ضرورت ہے۔ ان کا مادی ہونا اور قابل تجزیہ ہونا لازم کرتا ہے کہ یہ بنائی گئی ہیں، خود بخود سے وجود میں نہیں آئیں۔ 
کیا کوئی ملحد خدا کی ذات کا تجزیہ کر کے یہ ثابت کر سکتا ہے کہ خدا ایک مخلوق ہے جس کا کوئی خالق ہونا منطقی طور پر ضروری ہے ؟ کیا مذہب یہ کہتا ہے کہ خدا ایک مادی وجود ہے کہ سائنسی اعتبار سے یہ سوال اٹھے ؟ دراصل خدا کے غیر مادی ہونے کی وجہ سے سائنس کی بنیاد پر خدا کا اقرار ممکن ہے نہ انکار۔ سائنس صرف یہ کر سکتی ہے کہ مادی دنیا کے مطالعے کے بعد، خدا کے امکان کے بارے میں کوئی منفی یا مثبت شہادت دے۔ دوسرے الفاظ میں آپ یہ کہہ لیں کہ اس بحث میں سائنس کی حیثیت ایک جج کی نہیں بلکہ گواہ کی سی ہے۔ اور اس دور میں سائنس نے خدا کے ہونے کے امکان کے حق میں شہادت دے دی ہے۔ 
اس معاملے میں فیصلہ کن کردار عقلِ عام (Common Sense) کا ہے۔ چنانچہ مذہب اِسلام کا مقدمہ سائنس کی بنیاد پر نہیں بلکہ عقلِ عام کی بنیاد پر ہے۔ اس لیے کہ مذہب کا مخاطب اِنسان ہے۔ اور اِنسان اپنی زندگی سائنس کے اصولوں پر نہیں بلکہ عقلِ عام کے اصولوں پر گزارتا ہے۔ وہ اپنی زندگی کا پورا ڈھانچہ عقلِ عام کو استعمال کر کے ہی قائم کرتا ہے۔ اِنسان اپنی زندگی کی ترتیب عقلِ عام کے اصولوں کے تحت بناتا ہے، نہ کہ سائنس کے تحت۔ وہ سائنس کی اس وقت تک پیروی کرتا ہے جب تک وہ عقلِ عام سے موافقت کر رہی ہو۔ 
لہٰذا مذہب نے اِنسان پر خدا کے وجود کی دلیل سائنس سے قائم نہیں کی بلکہ عقلِ عام کی مدد سے بالواسطہ دلیل قائم کی ہے۔ پورا قرآن ان دلائل سے لبریز ہے جو اس نے عقلِ عام کی روشنی میں اِنسانوں کے سامنے رکھ دیے ہیں۔ 
ان کا خلاصہ یہ ہے کہ کائنات اور خود اِنسان کے وجود میں کوئی کام الٹا  پلٹا نہیں ہو رہا۔ بلکہ ایک حکمت، ربط اور ترتیب کے ساتھ ہو رہا ہے۔ یہ کوئی اَیسی چیز نہیں جسے اِنسانوں سے منوانے کی ضرورت پڑے، یہ اسکا مشاہدہ ہے۔ یہ اس کے لیے ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے۔ قرآن ان حقیقتوں کو اس کے سامنے رکھ کر اکثر خاموش ہو جاتا ہے۔ اسکے بعد اگر اِنسان عقلِ عام کو استعمال کرے تو ٹھیک نتیجے پر پہنچ جائے گا بشرطیکہ وہ وہاں پہنچنا چاہے۔ اسکی عقلِ عام اسے یہ بتا دے گی کہ حکمت اگر پائی جا رہی ہے تو لازماً اسکے پیچھے ایک حکیم موجود ہے، اگر نظم و نسق موجود ہے تو عقلِ عام کے لیے اس کے سوا چارہ ہی نہیں کہ ناظم کو مانے۔ قرآن کا اصل زور اس ذات کو منوانے پر نہیں، اسکی صفات کے صحیح تعارف پر ہے۔ کیونکہ اِنسان اصل ٹھوکر یہاں کھاتا ہے۔ 
ملحدین اور بعض سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ کائنات ایک مادی وجود ہے۔ ہر مادی چیز کی طرح کائنات بھی خود بخود وجود پذیر نہیں ہو سکتی۔ اسکی کوئی علت ہونی چاہیے۔ یہ علت وہ شے خود نہیں ہو سکتی۔ ایک سادہ سی مثال سے یوں سمجھیں کہ کسی کمرے میں اگر فرج رکھا ہوا ہے تو اسکے بارے میں یہ سوال لازماً اٹھے گا کہ اسے کس نے بنایا ہے۔ یہ ممکن نہیں ہے کہ فرج خود اپنے آپ کو بنا لے۔ ٹھیک یہی بات اس کائنات کی ہر شے اور خود کائنات پر بھی صادق آتی ہے کہ ان میں کوئی بھی اپنی تخلیق پر آپ قادر نہیں۔ یہ محض ایک منطقی نوعیت کی بحث نہیں بلکہ سائنسی بنیاد رکھتی ہے۔ 
کائنات کے متعلق اہل الحاد کا ایک اور نظریہ بھی تھا اور وہ یہ تھا کہ یہ کائنات بے ترتیب (Random) ہے۔ اس میں موجود مادے، اجرام فلکی اور جن قوانین کے تحت یہ چل رہے ہیں کا کوئی مقصد نہیں بلکہ یہ محض اتفاق ہی ہے۔ 1970 کے عشرے میں سائنس دانوں نے یہ دریافت کیا کہ کائنات میں ایسا توازن (Balance) پایا جاتا ہے جس میں اگر ذرا سا بھی ہیر پھیر ہو تو اس میں اِنسانی زندگی ممکن ہی نہ ہو سکے۔ تمام طبیعی، کیمیائی اور حیاتیاتی قوانین، کشش ثقل اور مقناطیسی قوتیں، ایٹمز اور مالیکیولز کی ساخت، عناصر اور مرکبات کی موجودگی یہ سب کا سب بالکل اسی طرح اس کائنات میں موجود ہے جیسا کہ اِنسانی زندگی کی ضرورت ہے۔ سائنس دانوں نے اس غیر معمولی ڈیزائن کو Anthropic Principle کا نام دیا۔ ان کے مطابق اگر بگ بینگ کے وقت دھماکے کی شدت، مادے کے پھیلنے کی رفتار میں ذرا سا بھی فرق پڑ جاتا تو یا تو مادہ دوبارہ جڑ جاتا یا پھر اتنا زیادہ پھیل جاتا کہ موجودہ حالت میں کسی طور پر آ ہی نہ سکتا، اس طرح اِنسانی زندگی کبھی ممکن نہ ہوتی۔ 
زمین کا سائز، سورج کا سائز، سورج اور زمین کا فاصلہ، پانی کی طبعی اور کیمیائی خصوصیات، سورج کی شعاعوں کی ویو لینتھ، زمین کی فضا میں موجود گیسیں اور کشش ثقل سب کی سب اسی تناسب میں موجود ہیں جو اِنسانی زندگی کے لیے ہونا چاہئے تھا۔ اگر اسن میں سے کسی میں 1/1039 کے برابر بھی فرق پڑ جاتا تو اِنسانی زندگی ممکن نہ ہوتی۔ کیا ایسا کسی مافوق الفطرت ہستی کی مداخلت کے بغیر ممکن تھا۔ کیا دنیا میں کبھی ایسا ہوا کہ ہوا میں ریت، بجری اور سیمنٹ کو یونہی اچھا ل دیا جائے اور وہ جب زمین پر بیٹھے تو ایک خوبصورت بنگلے کی صورت اختیار کر جائے جو اِنسانی رہائش کے لیے موزوں ترین ہو یا پھر روشنائی کے قطروں کو اچھال دیا جائے اور جب وہ نیچے گریں تو قصیدہ یا غزل لکھی ہوئی ہو۔ شاید ایسا صرف کارٹون فلموں ہی میں ممکن ہے لیکن حقیقی دنیا میں اس کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔ 
ایک منظم نتیجہ حاصل کرنے کے لیے کسی برتر ہستی کی موجودگی ضروری ہوا کرتی ہے۔ ان حقائق نے بہت سے سائنس دانوں جیسے پال ڈیوس، ڈبلیو پریس، جارج گرین اسٹائن اور مالیکیولر  بائیولوجسٹ مائیکل ڈینٹن کو کسی برتر ہستی کا اعتراف کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ 
یقیناً کوئی اَیسی صاحب حکمت ہستی ضرور موجود ہے جس نے ہمارے لیے کرۂ ارض پر زندگی قائم رکھنے کے لیے سورج کو پیدا کیا اور اس میں  اتنی حرارت رکھ دی جو زمین پر زندگی کی نشو نما کے لیے ضروری تھی۔ ہماری زمین سورج کے گرد گردش کرتی ہے۔ جب زمین سورج کے قریب سے ہو کر گزرتی ہے تو اس کی حرارت کی وجہ سے ہمارے کرۂ ارض پر گرمی کا موسم آ جاتا ہے اور جب زمین گردش کرتی ہوئی اس سے دور چلی جاتی ہے تو سردیوں  کا موسم آ جاتا ہے۔ اس طرح موسم کی تبدیلی ہماری زندگی اور اس کے تمام اسباب کے قیام اور بقائے  صحت کا باعث بنتی ہے زمین سورج گرد بیضوی مدار میں  گردش کرتی ہے۔ 
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ زمین سورج کے گرد گول مدار میں  گردش کیوں  نہیں  کرتی، یہ اپنے دائرے سے باہر کیوں  نہیں  نکل آتی۔ تسلیم کرنا پڑتا ہے کہ ایک اَیسی صاحب ارادہ اور مدبر ہستی مو جو د ہے جس نے زمین کو ایسے مدار میں  گردش دی جس کے نتیجے میں  موسموں  کا تغیر و تبدل قائم رہتا ہے اور زمین اپنے مدار سے ایک انچ ادھر اُدھر نہیں  ہوتی۔ 
سائنس کے مطالعہ سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ پوری کائنات ایک بے نقص (zero-defect) کائنات ہے۔ وسیع خلا میں بے شمار ستارے اور سیارے مسلسل طور پر حرکت میں ہیں، مگر ہمارے شہروں کے برعکس، خلا میں کوئی ایکسیڈنٹ نہیں ہوتا۔ گویا کہ عظیم خلا میں نہایت وسیع پیمانے پر ایک ایکسیڈنٹ فری ٹریفک (accident-free traffic) قائم ہے۔ ہماری زمین پر نیچر روزانہ بہت سے واقعات ظہور میں لا رہی ہے۔ یہ گویا ایک عظیم صنعتی نظام ہے۔ مگر یہ نظام زیرو ڈیفیکٹ انڈسٹری (zero-defect industry)کی سطح پر چل رہا ہے۔ بے مثال کائناتی کنٹرول اور یہ آفاقی توازن پکار رہا ہے کہ بلاشبہ اس کے پیچھے ایک عظیم خدا ہے جو اِن واقعات کو ظہور میں لا رہا ہے۔ 
 کائنات میں واضح طور پر ایک ذہین منصوبہ بندی  (planning intelligent) پائی جاتی ہے۔ ایک چھوٹے ذرے سے لے کر عظیم کہکشانی نظام تک یہ منصوبہ بندی نمایاں طور پر ہمارے مشاہدے میں آتی ہے۔ یہ منصوبہ بندی بلاشبہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ اِس کائنات کے پیچھے ایک بہت بڑا ذہن (mind) کار فرما ہے یہ عقیدہ اتنا ہی سائنسی ہے، جتنا کہ ایکس رے کی قابلِ مشاہدہ تصویر کو دیکھ کر ناقابلِ مشاہدہ ایکس ریز (X-Rays) کے وجود کو ماننا۔ 
موجودات کے مشاہدے سے ایک عظیم حقیقت یہ سمجھ میں آتی ہے کہ اُس میں جگہ جگہ یکسانیت کے ساتھ استثناء (exception amidst uniformity)کی مثالیں موجود ہیں۔ 
استثناء (exception)اُس کو کہا جاتا ہے جو عام قانون کے خلاف ہو، جو عام قانون کی پابندی نہ کرے۔ 
نیچر میں اس معاملے کی ایک سادہ مثال یہ ہے کہ ہر عورت اور ہر مرد کے ہاتھ میں پانچ انگلیاں ہوتی ہیں۔ یہ انگلیاں ہر ایک میں یکساں طور پر ہوتی ہیں۔ لیکن ہر ایک کے ہاتھ میں اس کے انگوٹھے کا نشان (finger print)ایک جیسا نہیں ہوتا۔ ہر ایک کا نشان دوسرے کے نشان سے الگ ہوتا ہے۔ اس عموم میں یہ استثناء ایک برتر ہستی کی بالقصد مداخلت کے بغیر ممکن نہیں۔ 
نیچر میں اِس قسم کی مثالیں پائی جاتی ہیں۔ سائنس دانوں کے اندازے کے مطابق، خلا میں تقریباً 125بلین کہکشائیں موجود ہیں۔ ہر کہکشاں (galaxy)کے اندر تقریباً 200بلین ستارے پائے جاتے ہیں۔ لیکن شمسی نظام (solar system)ایک استثنائی نظام ہے جو صرف ہماری اُس قریبی کہکشاں میں پایا جاتا ہے جس کو ملکی وے (milky way)کہا جاتا ہے۔ عظیم کائنات میں یہ استثناء ایک طاقتور ہستی کی بالقصد مداخلت کے بغیر ممکن نہیں ہو سکتا۔ 
ہماری کہکشاں جس میں شمسی نظام واقع ہے، وہ اس نوعیت کی ایک انوکھی مثال ہے۔ مطالعہ بتاتا ہے کہ اس کہکشاں کا درمیانی حصہ ناقابل برداشت حد تک گرم ہے۔ اگرچہ ہمارا شمسی نظام، کہکشاں کے درمیانی حصے میں ہو تو ہماری زمین پر کسی قسم کی زندگی اور نباتات کا وجود ہی ممکن نہ رہے۔ لیکن عجیب بات ہے کہ ہمارا شمسی نظام، کہکشاں کے ایک کنارے واقع ہے۔ اِس بنا پر کہکشاں کے پُر خطر درمیانی ماحول کے اثر سے بچا ہوا ہے۔ یہ استثناء واضح طور پر ایک منصوبہ بند مداخلت کا ثبوت ہے، اور منصوبہ بند مداخلت بلاشبہ خدائے برتر کی موجودگی کا ثبوت ہے۔ 
ہمارے شمسی نظام کے اندر بہت سے سیارے (planets)پائے جاتے ہیں۔ اُنھیں میں سے ایک سیارہ وہ ہے جس کو زمین کہا جاتا ہے۔ دوسرے تمام سیارے مدار (orbit)پر گھومتے ہیں۔ مگر ہماری زمین اپنے مدار پر گردش کرتے ہوئے اپنے محور (axis)پر بھی گھومتی ہے۔ زمین کی یہ دہری گردش  (double rotation) ثال کا ِنسان کو متحر                                                                                                           ایک انتہائی استثنائی گردش ہے جو کسی بھی ستارے یا سیارے میں نہیں پائی جاتی۔ یہ استثناء اِس کے بغیر ممکن نہیں کہ اس کے پیچھے ایک ایسے برتر عامل کو تسلیم کیا جائے جس نے اپنی خصوصی مداخلت کے ذریعے یہ با معنیٰ استثناء خلا میں قائم کر رکھا ہے۔ 
ہماری زمین پر استثناء کی ایک اَیسی انوکھی مثال پائی جاتی ہے، جو ساری کائنات میں کہیں بھی موجود نہیں، یہ لائف سپورٹ سسٹم (life support system)ہے۔ اِس لائف سپورٹ سسٹم کے بغیر زمین پر اِنسان کا یا کسی اور نوعِ حیات کا وجود ممکن نہ تھا۔ لائف سپورٹ سسٹم کا یہ استثنائی انتظام خدا کی موجودگی کا ایک ایسا ثبوت ہے جس کا انکار کوئی سنجیدہ اِنسان نہیں کر سکتا۔ 
قرآن مجید جدید علوم کی سائنسی تحقیق کی تائید کرتا ہے۔ لیکن مغربی سائنس دانوں  کا بے بنیاد اِلزام ہے کہ اِسلام عقل اور سائنس کے خلاف ہے۔ ایسا اِلزام اِسلام دشمنی کی وجہ سے ہے۔ چنانچہ قرآن کریم نے تخلیق کائنات کے متعلق جو کچھ بیان کیا وہ عقل اور جدید سائنس کے عین مطابق ہے۔ اور آجکل جدید سائنس کے جو انکشافات ہو رہے ہیں  وہ چودہ سو سال پہلے قرآن کریم میں  موجود ہیں  قرآن کریم نے کئی اَیسی صداقتیں  بیان فرمائی ہیں  جن کا تصور بھی اِنسانی دماغ میں  پہلے موجود نہ تھا۔ اگر خدا موجود نہیں  ہے تو رسول کریم ﷺ کو آج سے چودہ سو سال قبل کس نے خبر دی تھی کہ ایک زمانہ آئے گا جب شہر نما جہاز ایجاد کیے جائیں گے۔ یقیناً خدائے واحد نے اپنے نبی کو  بذریعہ یہ  پیشگوئی کر دی تھی '' اور اسی کے قبضہ میں  ہیں  وہ جہاز جو پہاڑوں  کی طرح اونچے کھڑے نظر آتے ہیں۔ '' ( سورۂ الرحمن آیت 25 ) 
ظاہر ہے کہ قرآن کریم کے نزول کے زمانے میں  دیو پیکر پہاڑ نما جہاز موجود نہ تھے مگر اللہ کے رسول ﷺ کو کس نے بتایا جب انجنوں  سے چلنے والے جہاز ایجاد ہو جائیں  گے ؟   جن میں  بیک وقت کئی کئی ہزار افراد سفر کر سکیں  اور سینکڑوں  ٹن وزنی سامان اُٹھا کر یہ جہاز سمندروں  پر حکمرانی کریں  گے۔ اور پھر بہت سے امور ایسے تھے جن کی اس دور کے اِنسانی ذہن کی رسائی ممکن ہی نہ تھی۔ مگر قرآن کریم نے ان پیشگوئیوں  کو بیان فرمایا ''جب زمین میں  اپنے بھونچال سے جنبش دی جائیگی اور زمین اپنے بوجھ نکال پھینکے گی۔ ( الزلزال آیت 2.3 )
یہاں  یہ پیشگوئی کی گئی ہے کہ زمین پر ایک زلزلہ آئے گا۔ نتیجۃً زمین اپنے اندر کی بھاری دھاتیں  نکال باہر کرے گی۔ اگر پیشگوئی کے مطابق زمین اپنے مخفی خزانے یعنی دریافت شدہ دھاتوں  کو اُگل نہ دیتی تو ہمارے زمانہ کی زبردست سائنسی ترقیات ممکن ہی نہ تھیں۔ ان معدنی ذخائر کا شمار کیا جائے اور انہیں  ایک طرف الگ رکھ دیے جائے تو    یوں  لگتا ہے کہ ان کے بغیر سائنسی ترقی کا پہیہ اُلٹا چل پڑے گا۔ کوئلہ ، پٹرو لیم ، یورینیم اور پلاٹونیم وغیرہ کی دریافت کے بغیر جدید دور کی کسی بھی اہم ایجاد کا تصور بھی نہیں  کیا جا سکتا۔ 
اسی طرح ایک اور پیشگوئی میں فرمایا '' اور جب پہاڑ چلائے جائیں  گے اور جب دس ماہ کی حاملہ اُونٹنیاں  بے کار چھوڑ دی جائیں  گی اور جب صحیفے روئے زمین پر پھیلا دئے جائیں  گے۔ '' ( سورۂ التکویر آیات 4.5.10 )
فرمایا پہاڑ چلائے جائیں  گے ، پہاڑ چلانے سے مراد ان کا اپنی جگہ سے ہٹ جانا ہے۔ چنانچہ ہم دیکھتے ہیں  کہ دنیا کے ہر ملک میں  پہاڑوں  کو بارود سے اُ ڑا کر سڑکیں  ، پل ، اور نہریں  نکال دی گئیں۔ اور بعض مقامات پر انہیں  ہموار کر کے بستیاں  بسا دی گئیں۔ اور پھر فرمایا دس ماہ کی اُونٹنیاں  بے کار چھوڑ دی جائیں  گی۔ عرب میں  دس ما ہ کی اُونٹنی زیادہ قیمتی ہوتی تھی کیونکہ اس کے بچہ دینے کا وقت قریب ہوتا تھا۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ایک زمانہ آئے گا جب اُونٹوں  کی               قدر و قیمت نہیں  رہے گی کیونکہ جزیرہ نمائے عرب سفر اُونٹوں  کے ذریعہ نہیں  ہو گا بلکہ بسیں، کاریں  اور ہوائی جہاز ایجاد ہو جائیں  گے اس لیے دس ماہ کی حاملہ اُونٹنیاں  آوارہ پھریں  گی یعنی کوئی ان کی طرف توجہ نہ کرے گا اور آخری پیشگوئی تو نہایت عظیم الشان ہے کہ جب صحیفے پھیلا دئے جائیں  گے یعنی اس کثرت سے اخبارات، رسائل اور کتابیں  شائع ہوں گی کہ دنیا کا کوئی گوشہ ان سے خالی نہیں  رہے گا۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ایک ہی خدا علیم و خبیر ہستی موجود ہے جسے قیامت تک رونما ہونے والے تمام واقعات کا علم ہے اور جس نے ان واقعات میں  سے بہت سے واقعات کو اپنے رسول ﷺ پر ظاہر فرما دیے۔ 

انصاف پسند سائنس داں وجود خالق کے قائل ہیں 

انصاف پسند سائنسدانوں  کا نظریہ بھی انصاف پر مبنی ہے کہ ''نظام عالم کی محکم ترکیب و ترتیب بتا رہی ہے کہ خدا تعالیٰ کی ہستی موجود ہے۔ ’’اس کے علاوہ تخلیق اِنسانی کو ہستی باری تعالیٰ کے ساتھ بھی ایک براہ راست تعلق ہے۔ اور خالق کی عظمت کا تصور باندھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم تخلیق پر غور کریں۔ ہم خالق کی تخلیق پر غور کیے بغیر اسے پہچان نہ سکیں  گے۔ 
اسی طرح فلسفہ کی تاریخ کا مطالعہ بتاتا ہے کہ تقریباً تمام فلسفی کسی نہ کسی طور پر ایک برتر ہستی کا اقرار کرتے تھے۔ اگرچہ انہوں نے ''خدا'' کا لفظ استعمال کرنے سے احتراز کیا، لیکن کچھ دوسرے الفاظ بول کر وہ خدا جیسی ایک ہستی کی موجودگی کا اعتراف کرتے رہے۔ مثلاً جرمنی کے مشہور فلسفی فریڈرک ہیگل (وفات: 1831) نے اِس برتر ہستی کو ورلڈ سپرٹ (world spirit)کا نام دیا، وغیرہ۔ 
البرٹ آئن سٹائن (وفات: 1955) کو بیسویں صدی عیسوی کا سب سے بڑا سائنسی دماغ مانا جاتا ہے۔ آئین سٹائن نے کائنات کا تفصیلی مطالعہ کیا۔ اُس نے کائنات کے ہر حصے میں حیرت ناک حد تک معنویت(meaning)پائی۔ یہ دیکھ کر اُس نے کہا کہ عالم فطرت کے بارے میں سب سے زیادہ ناقابلِ فہم بات یہ ہے کہ وہ قابلِ فہم ہے :
 ‘‘The most incomprehensible fact about nature is that it is comprehensible’’
آئن سٹائن اپنے اِس قول میں بالواسطہ طور پر خدا کے وجود کا اقرار کر رہا ہے۔ اگر اس کے قول کو بدل کر کہا جائے تو وہ اِس طرح ہو گا کہ خدا کے بغیر عالمِ فطرت مکمل طور پر ناقابلِ فہم رہتا ہے، اور خدا کے ساتھ عالمِ فطرت مکمل طور پر قابلِ فہم بن جاتا ہے :
 ‘‘Without God, nature is totally incomprehensible, and with God, nature becomes totally comprehensible.’’
کائنات بلا شبہ ایک بامعنی کائنات (meaningful world) ہے۔ سائنس داں وہ لوگ ہیں جو کائنات کا نہایت گہرائی کے ساتھ مطالعہ کرتے ہیں۔ وہ عام اِنسان کے مقابلے میں کائنات کی معنویت سے بہت زیادہ واقف ہوتے ہیں۔ چنانچہ سائنس دانوں نے عام طور پر اس کا اعتراف کیا ہے۔ سائنس داں اپنے مخصوص مزاج کی بنا پر ''خدا'' (God)کا لفظ بولنے سے احتراز کرتے ہیں۔ لیکن نام کے بغیر وہ اس حقیقت کا اعتراف کرنے پر مجبور ہیں۔ 
مثلاً برٹش سائنس داں سر جیمز جینز (وفات: 1947) نے اپنی کتاب  (The Mysterious Universe) میں کہا ہے کہ کائنات ایک ریاضیاتی ذہن  (mathematical) کی شہادت دیتی ہے۔ برٹش عالمِ فلکیات سر فریڈ ہائل (وفات: 2001) نے اس حقیقت کا اعتراف یہ کہہ کر کر لیا ہے کہ ہماری کائنات ایک ذہین کائنات  (intelligent universe) ہے۔ امریکی سائنس داں پال ڈیویز  (Paul Davis) نے اقرار کیا ہے کہ کائنات کے پیچھے ایک با شعور ہستی  (conscious being) موجود ہے۔ برٹش سائنس داں سر آرتھر  اڈنگٹن (وفات: 1944) نے اِس حقیقت کا اعتراف یہ کہہ کر لیا ہے کہ کائنات کا مادہ ایک ذہین مادہ ہے : ‘‘The stuff of the world is mind-stuff.’’

وجود خدا پر عقل و فطرت کی روشنی میں دلائل

چونکہ ہم یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ اِسلام کبھی بھی علم و 
                                                                                                                               عقل سے نہیں  ٹکراتا، بلکہ اِسلام تو علم و عقل پر قائم ہے، لہٰذا ہمارے لیے اس ماحول میں ‘’الوہیت’‘ (خدا کی معرفت) کی بحث اسی علم و سائنس کی روشنی میں ہونا چاہیے۔ 
اس میں کوئی شک نہیں کہ اِنسان اپنی فطرت کے ذریعہ ہی اپنے رب کو پہچان کر اس پر ایمان لا سکتا ہے، چنانچہ یہی فطرت اِنسانی (جس کو لا شعور کہتے ہیں ) اِنسان کو اس کائنات کے خالق کے وجود تک پہنچاتی ہے جس نے ان تمام موجودات کو خلق کیا اور ان کو عدم سے وجود بخشا، ہر چیز کے لیے ایک مخصوص نظام و قوانین وضع فرمائے تاکہ ان کے تحت وہ سب اپنے فرض کو پورا کرتی ہوئی اپنے اغراض و مقاصد تک پہنچ جائیں اور وہ نظام بھی ایسا ہو جو دقیق اور مرتب ہو جس میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہ ہو۔ 
لہٰذا اِنسان نے اسی فطرت کے ذریعہ اس حقیقت کو سمجھا اور جب اِنسان کی یہی فطرت بسیط (غیر واضح) تھی تو اس کی دلیل بھی غیر واضح رہی اور جب فطرت اِنسانی واضح اور مکمل ہو گئی تو اِنسان کی دلیل بھی واضح اور مکمل ہو گئی، اس حیثیت سے کہ اِنسان اسی فطرت کے تحت اس بات کو مانتا رہا ہے کہ ہر اثر اپنے موثر پر دلالت کرتا ہے اور ہر موجود اپنے موجد (بنانے والے ) پر دلالت کرتا ہے کیونکہ اونٹ کے پیر کے نشان اونٹ کے وجود پر دلالت کرتے ہیں اسی طرح پیروں کے نشانات گذرنے والوں پر دلالت کرتے ہیں تو پھر یہ زمین و آسمان کس طرح لطیف و خبیر (خدا) پر دلالت نہیں  کرتے۔ ؟!!
فلسفہ کی دلیل و برہان کے مختلف طریقے ہیں چنانچہ فلاسفہ حضرات نے وجود خدا کے بارے میں منطقی اور عقلی برہان قائم کیے ہیں جو خداوند عالم کے وجود پر ایمان کو پختہ اور شباہت و اعتراضات کا خاتمہ کر دیتے ہیں۔ 
چنانچہ فلاسفہ حضرات کی سب سے واضح دلیل یہ ہے :
‘’اگر کوئی موجود ‘’واجب الوجود’‘ ہو تو ہمارا مقصود ثابت ہو جاتا ہے اور اگر وہ وجود واجب الوجود نہ ہو تو پھر’’ دور’‘ "Vicious circle "   یا’’ تسلسل’‘"Infinite Regress" لازم آئے گا جو عقلی طور پر محال ہے۔ 

مذکورہ دلیل کا خلاصہ

‘’بے شک اس کائنات کا پیدا کرنے والا کوئی نہ کوئی ہے کیونکہ کسی چیز کا خود بخود عدم سے وجود میں آنا ممکن نہیں ہے تو پھر اس پیدا کرنے والے کا وجود بھی ضروری ہے کیونکہ یہ بات بھی مسلم ہے کہ کسی امر عدمی کے ذریعہ کوئی چیز وجود میں نہیں آ سکتی، تو پھر یہ پیدا کرنے والا یا تو واجب الوجود ہے یا واجب الوجود نہیں  ہے۔ 
اور اگر واجب الوجود ہو تو ہمارا مقصد ثابت ہو جاتا ہے (کہ یہی واجب الوجود ذات خدا ہے )
اور اگر واجب الوجود نہیں ہے تو اس کے لیے ایک موثر کی ضرورت ہے جو اس کو وجود عطا کرے اور اگر یہ موثر اور سبب واجب الوجود ہو تو بھی ہمارا مقصود ثابت ہے اور اگر واجب الوجود نہ ہو پھر اس کے لیے بھی ایک موثر کی ضرورت ہے، اسی طرح ہم آگے بڑھتے رہیں گے یا ں تک کہ وجود خالق اور واجب الوجود جو اس کائنات کا خالق ہے اس تک پہنچ جائیں ورنہ تو درج ذیل دو چیزوں میں سے ایک چیز لازم آئے گی جو محال ہے :
۱۔ ‘’تسلسل’‘  تسلسل کے معنی یہ ہے ں کہ ہر موجود اپنے موجد (بنانے والے ) پر موقوف ہو اور پھر یہ موجود دوسرے مو جود پر موقوف ہو گا اور پھر وہ دوسرے پر، اسی طرح یہ سلسلہ چلتا رہے اور عقلِ اِنسانی نے اس بات کو ثابت کیا ہے کہ جس سلسلہ کی کوئی انتہا نہ ہو وہ باطل ہے کیونکہ اِنسان اس سے کسی نتیجہ پر نہیں پہنچ سکتا۔ 
۲۔ ‘’دَور’‘  دور کے معنی یہ ہے کہ موجدِ موثر نے اَیسی چیز کو خلق کیا جس کو اثر کال جاتا ہے اور خود اس اثر نے اس موجدِ موثر کو خلق کیا اور یہ واضح البطلان ہے کیونکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ دونوں چیزیں ایک دوسرے پر موقوف ہیں۔ 
جیسا کہ ہم نے بیان کیا جب تسلسل اور دور دونوں باطل ہیں تو پھر ضروری ہے کہ ہم ایسے پیدا کرنے والے موجد کا اقرار کریں جس کا وجود اپنی ذات کے لیے واجب ہے (یعنی جو واجب الوجود ہے ) اور وہی خدا کی ذات ہے۔ 
خداوند عالم کے وجود کے سلسلے میں فلاسفہ اور منطقی حضرات نے ایک دوسرا طریقہ  اختیار کیا ہے، چنانچہ ان کے دلائل میں سے بعض دلائل اس طرح ہیں، ان کا کہنا ہے :
‘’تمام اجسام (بدن) حادث ہیں اور ان کے حدوث کی دلیل یہ ہے کہ ان میں تجدّد (تبدیلی اور نیا پن) ہوتا رہتا ہے (یعنی تمام چیزیں ہمیشہ ایک سی نہیں رہتیں بلکہ بدلتی رہتی ہیں ) اور جب یہ چیزیں تجدد سے خالی نہیں ہیں تو پھر ان کا محدث ہونا ضروری ہے اور جب ان کا حادث ہونا ثابت ہو گیا ہے تو پھر اپنے افعال کے بارے میں قیاس کر سکتے ہیں کہ ان کا بھی حادث کرنے والا ہے، 
 مثلاً:
یہ عالم؛ جس میں جمادات، نباتات اور دیگر موجودات شامل ہیں، یہ حادث ہے یعنی پہلے  نہیں تھا بعد میں موجود ہوا جیسا کہ ان تمام میں واضح طور پر آثار وجود پائے جاتے ہیں کہ ان چیزوں میں کمی و زیادتی طول و قصر موجود ہے اور ایک حال سے دوسرے حال میں بدلتے رہتے ہیں یا اسی طرح کے دوسرے آثار جن سے ان کے حادث ہونے کا پتہ چلتا ہے کہ یہ چیزیں عدم سے وجود میں آئی ہیں۔ 
اور جب اس کائنات کی تمام چیزوں میں تغیر و تبدیلی پائی جاتی ہے اور ہمارے افعال و حرکات کے ذریعہ ان چیزوں میں تبدیلی آتی رہتی ہے اس طرح ہمارے افعال بھی خود بخود نہیں ہوتے بلکہ ہم ہیں جو ان کو انجام دیتے ہیں جیسا کہ ہم دیکھتے ہیں کہ کھانا پینا، حرکت کرنا، لکھنا، پڑھنا اور ہمارے روز مرّہ کے امور انجام دینے والے کا ہونا ضروری ہے تو اس کائنات کا خلق کرنے والے کا بھی ہونا ضروری ہے اور وہ خداوند عالم کی ذات اقدس ہے جس طرح ہر چیز کے لیے بنانے والے، کتاب کے لکھنے کے لیے کاتب اور مکان کے بنانے کے لیے معمار کا ہونا ضروری ہے۔ 

خدا کے ایک ہونے پر دلیل

خدا کا وجود بلا شبہ اُس طرح ایک ثابت شدہ واقعہ ہے جس طرح کوئی اور ثابت شدہ واقعہ۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ خدا کا وجود صرف ایک پُر اسرار عقیدہ کی بات نہیں، خدا کا وجود اُس طرح ایک علمی مسلّمہ ہے جس طرح کوئی اور علمی مسلّمہ۔ اب یہ سوال ہے کہ خدا ایک ہے یا کئی خدا ہیں جو کائنات کی تخلیق اور اس کے انتظام کے ذمے دار ہیں۔ دوسرے لفظوں میں یہ کہ خدا کا عقیدہ شرک پر مبنی ہے یا توحید پر۔ اس معاملے میں علم کا فیصلہ مکمل طور پر توحید کے حق میں ہے۔ 
برٹش سائنس داں نیوٹن کو جدید سائنس کا بانی سمجھا جاتا ہے۔ نیوٹن سے پہلے دنیا میں توہمات (superstitions)  کا زور تھا۔ اُس وقت یہ سمجھ لیا گیا تھا کہ خداؤں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ مثلاً سن گاڈ (sun god)، مون گاڈ (moon god)، رین گاڈ (rain god)، وغیرہ۔ نیوٹن نے اِس معاملے کا سائنسی مطالعہ کیا۔ اُس نے کہا کہ چار طاقتیں (forces)ہیں جو کائنات کے نظام کو کنٹرول کرتی ہیں۔ وہ چار طاقتیں یہ ہیں :
١۔ قوتِ کشش (gravitational force)
2۔ برقی مقناطیسی قوت (electromagnetic force)
3۔ طاقت ور نیو کلیر قوت (strong nuclear force)
4۔ کمزور نیو کلیر قوت (weak nuclear force)
مگر سائنسی مطالعے کے ذریعے جو دنیا دریافت ہو ئی، اُس میں اتنی زیادہ ہم آہنگی (harmony)پائی جاتی تھی کہ یہ ناقابلِ تصور تھا کہ اتنی زیادہ ہم آہنگ کائنات کو کئی طاقتیں کنٹرول کر رہی ہیں۔ اس لیے سائنسی ذہن اس تعداد پر مطمئن نہ تھا۔ مختلف سائنس داں اِس تعداد کو گھٹانے کے لیے کام کر رہے تھے، یہاں تک کہ 1979میں ایک نئی تحقیق سامنے آئی۔ اِس تحقیق کے مطابق، کائنات کو کنٹرول کرنے والی طاقتیں چار نہیں تھیں، بلکہ وہ صرف تین تھیں۔ اِس دریافت تک پہنچنے والے تین نوبل انعام یافتہ سائنس داں تھے۔ اُن کے نام یہ ہیں :
1.	Sheldon Glashow (b. 1932),
2.	Steven Weingberg (b. 1933)
3.	Dr. Abdussalam (d. 1996)
 تاہم سائنسی ذہن تین کی تعداد پر بھی مطمئن نہ تھا۔ وہ اِس تعداد کو مزید گھٹا کر ایک تک پہنچانا چاہتا تھا۔ یہ کام برٹش سائنس داں اسٹفن ہاکنگ (پیدائش: 1942)کے ذریعے انجام پایا۔ اسٹفن ہاکنگ کو نظریاتی سائنس میں سب سے بڑا زندہ سائنس داں مانا جاتا ہے۔ اس نے پیچیدہ ریاضیاتی حساب (mathematical calculations) کے ذریعے یہ ثابت کیا ہے کہ صرف ایک طاقت (force) ہے جو پوری کائنات کو کنٹرول کر رہی ہے۔ یہ نظریہ اب تعلیم یافتہ طبقے کے درمیان ایک مسلّمہ کے طور پر مان لیا گیا ہے۔ عمومی زبان میں اس کو سنگل اسٹرنگ نظریہ ( theory string single)کہا جاتا ہے۔ 
 سنگل اسٹرنگ نظریہ گویا کہ ایک خدا (توحید الٰہ) کے عقیدے کے حق میں ایک سائنسی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ وہ مذہبی عقیدے کے علمی مسلّمہ کی حیثیت دے رہا ہے۔ اب خالص سائنس کی بنیاد پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ اِس کائنات کا ایک خدا ہے۔ یہ خدا ایک ہے اور صرف ایک:  ‘‘The concept of God is purely a scientific concept, and this God is one and one alone.’’
مگر ایسے سائنسدان جو ہستی باری تعالیٰ کے منکر ہیں۔ جن کے خیالات انصاف فطرت کے قوانین سے ہٹ کر ہیں  وہ اپنی انا کے ہاتھوں  مجبور ہیں  کہ اپنے خالق مالک کی قدرتوں  کو تسلیم کرنے کی بجائے  انہوں  نے بے بنیاد گمراہ کُن خیالات کو تقویت دی کہ یہ کائنات خود بخود وجود میں  آ ۂ                                                                                                                                س تک پولا شعو  پو                                                                                                              گئی۔ ۔ قران کریم جدید سائنس کی تائید کرتا ہے۔ کیونکہ مذہب خدا کا قول ہے تو قانون قدرت خدا کا فعل ہے۔ سائنس خدا کے فعل یعنی قانون قدرت کی اسٹڈی ہے جب خدا کے قول اور فعل میں  کوئی تضاد نہیں  تو پھر مذہب اور سائنس میں  بھی کوئی تضاد نہیں۔ 

ہم خدا کو کیوں نہیں دیکھ سکتے ؟
اہل ایمان پر پر مادہ پرست لوگوں کا  ایک بیہودہ اعتراض یہ ہوتا ہے کہ ‘‘اِنسان کس طرح ایک اَیسی چیز پر ایمان لے آئے جس کو اس نے اپنی آنکھ سے نہ دیکھا ہو یا اپنے حواس سے درک نہ کیا ہو، تم کہتے ہو کہ خدا کا نہ جسم ہے اور نہ اس کے رہنے کے لیے کوئی جگہ، نہ زمان درکار ہے اور نہ کوئی رنگ و بو وغیرہ تو ایسے وجود کو کس طرح درک کیا جا سکتا ہے اور کس ذریعہ سے پہچانا جا سکتا ہے ؟لہٰذا ہم تو صرف اسی چیز پر ایمان لا سکتے ہیں کہ جس کو اپنے حواس کے ذریعہ درک کر سکیں اور جس چیز کو ہماری عقل درک نہ کر سکے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ در حقیقت اس کا کوئی وجود ہی نہیں ہے۔ ’’
اس اعتراض کے جواب میں مختلف پہلوؤں سے بحث کی جا سکتی ہے :
سب سے پہلے ان کا علمی غرور اور ان کا تمام حقائق پر سائنس کو فوقیت دینا ہے، اور اسی طرح ہر چیز کو سمجھنے اور پرکھنے کا معیار صرف تجربہ اور مشاہدہ قرار دینا ہے، نیز اس بات کا قائل ہونا کہ طبیعی اور مادی چیزوں کے ذریعہ ہی کسی چیز کو درک کیا جا سکتا ہے، یہ سخت بھول ہے۔ 
کیونکہ ہم اس مقام پر ان لوگوں سے سوال کرتے ہیں کہ سائنس کے سمجھنے اور پرکھنے کی کوئی حد ہے یا نہیں!
واضح ہے کہ اس سوال کا جواب مثبت ہے کیونکہ سائنس کے حدود دوسری موجودات کی طرح محدود ہیں۔ 
تو پھر کس طرح لامحدود موجود کو طبیعی چیزوں کے ذریعہ درک کیا جا سکتا ہے ؟۔ 
لہٰذا بنیادی طور پر خداوند عالم، اور موجوداتِ ماورائے طبیعت، سائنس کی رسائی سے باہر ہیں، اور جو چیزیں ماورائے طبیعت ہوں ان کو سائنس کے آلات کے ذریعہ درک نہیں کیا جا سکتا، ‘’ماورائے طبیعت ‘‘سے خود ظاہر ہوتا ہے کہ سائنس کے ذریعہ ان کو درک نہیں کیا جا سکتا، جیسا کہ سائنس کے مختلف شعبوں میں سے ہر شعبہ کے لیے ایک الگ میزان و مقیاس ہوتا ہے جس سے دوسرے شعبہ میں کام نہیں لیا جا سکتا، نجوم شناسی، فضا شناسی اور جراثیم شناسی میں ریسرچ کے اسباب ایک دوسرے سے بہت مختلف ہوتے ہیں۔ 
کبھی بھی ایک مادی ماہر اس بات کی اجازت نہیں  دے گا کہ ایک منجم سے کہی جائے کہ فلاں جرثومہ کو ستارہ شناسی وسائل کے ذریعہ ثابت کرو، اسی طرح ایک جراثیم شناس ماہر سے اس بات کی امید نہیں کی جا سکتی کہ وہ اپنے آلات کے ذریعہ ستاروں کے بارے میں خبر دے، کیونکہ ہر شخص اپنے علم کے لحاظ سے اپنے دائرے میں رہ کر کام کر سکتا ہے، اور اپنے دائرے سے باہر نکل کر کسی چیز کے بارے میں ‘’مثبت’‘ یا ‘’منفی’‘ نظریہ نہیں دے سکتا۔ 
لہٰذا ہم کس طرح سائنس کو اس بات کا حق دے سکتے ہیں کہ وہ اپنے دائرے سے باہر بحث و گفتگو کرے، حالانکہ اس کے دائرے کی حد عالم طبیعت اور اس کے آثار و خواص ہیں ؟!
ایک مادی ماہر کو یہ حق ہے کہ وہ یہ کے ا کہ میں ‘‘ماورائے طبیعت’’ کے سلسلہ میں خاموش ہوں، کیونکہ یہ میرے دائر ے سے باہر کی بات ہے، نہ یہ کہ وہ ماورائے طبیعت کا انکار کر ڈالے، یہ حق اس کو نہیں دیا جا سکتا۔ 
دنیا بھر کے خداپرستوں کے عقائد کی بنیاد یہ ہے کہ خدا، مادہ اور مادہ کی خاصیت سے پاک و منزہ ہے، اور اسے کسی بھی مادی وسیلہ سے درک نہیں کیا جا سکتا۔ 
لہٰذا یہ نہیں سوچنا چاہئے کہ اس دنیا کو خلق کرنے والے کو آسمان کی گھرائیوں میں میکروسکوپ (Microscope) یا ٹلسکوپ کے ذریعہ تلاش کیا جا سکتا ہے، یہ خیال بیہودہ اور بے جا ہے۔ 
اسی طرح خوش قسمتی سے آج سائنس نے ترقی کر کے بہت سی اَیسی چیزیں بنا ڈالی ہیں کہ ان کے وجود سے مادیت اور اس کے نتیجہ میں مادی اور الحادی نظریہ کی تردید ہو جاتی ہے، قدیم زمانہ میں تو ایک دانشور یہ کہہ سکتا تھا کہ جس چیز کو اِنسانی حواس درک نہیں کر سکتے اس کو قبول نہیں کیا جا سکتا، لیکن آج سائنس کی ترقی سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے : اس دنیا میں دیکھی جانے والی اور درک ہونے والی چیزوں سے زیادہ وہ چیزیں ہیں جن کو دیکھا اور درک نہیں کیا جا سکتا، عالم طبیعت میں اس قدر موجودات ہیں کہ انھیں حواس میں سے کسی کے بھی ذریعہ درک نہیں کیا جا سکتا، اور ان کے مقابلہ میں درک ہونے والی چیزیں صفر شمار ہوتی ہیں !
نمونہ کے طور پر چند چیزیں آپ کی خدمت میں پیش کرتے ہیں :
۱۔ علم فیزکس کہتا ہے کہ رنگوں کی سات قسموں سے زیادہ نہیں ہیں جن میں سے پالو سرخ اور آخری جامنی ہے، لیکن ان کے پیچھے ہزاروں رنگ پائے جاتے ہیں جن کو ہم درک نہیں کر سکتے، اور یہ گمان کیا جاتا ہے کہ بعض حیوانات ان بعض رنگوں کو دیکھتے ہیں۔ 
اس کی وجہ بھی واضح اور روشن ہے، کیونکہ نور کی لریوں کے ذریعہ رنگ پیدا ہوتے ہیں، یعنی آفتاب کا نور دوسرے رنگوں سے مرکب ہو کر سفید رنگ کو تشکیل دیتا ہے اور جب جسم پر پڑتا ہے تو وہ جسم مختلف رنگوں کو ہضم کر لیتا ہے اور بعض کو واپس کرتا ہے جن کو واپس کرتا ہے وہ وہی رنگ ہوتا ہے جس کو ہم دیکھتے ہیں، لہٰذا اندھیرے میں جسم کا کوئی رنگ نہیں ہوتا، دوسری طرف نور کی موجوں کی لہروں کی شدت اور ضعف کی وجہ سے رنگوں میں اختلاف پیدا ہوتا ہے اور رنگ بدلتے رہتے ہیں، یعنی اگر نور کی لہروں کی شدت فی سیکنڈ۴۵۸ ہزار ملیارڈ تک پہنچ جائے تو سرخ رنگ بنتا ہے اور ۷۲۷ ہزار ملیارڈ  لہروں کے ساتھ جامنی رنگ دکھائی دیتا ہے، اس سے زیادہ لہروں یا کم لہروں میں بہت سے رنگ ہوتے ہیں جن کو ہم نہیں دیکھ پاتے۔ 
۲۔ آواز کی موجیں ۱۶مرتبہ فی سیکنڈ سے لے کر ۲۰۰۰۰ مرتبہ فی سیکنڈ تک ہمارے لیے قابل فمی ہیں اگر اس سے کم یا زیادہ ہو جائے تو ہم اس آواز کو نہیں سن سکتے۔ 
۳۔ امواجِ نور کی جن لہروں کو ہم درک کر سکتے ہیں انھیں ۴۵۸ ہزار ملیارڈ فی سیکنڈ سے ۷۲۷ ہزار ملیارڈ فی سیکنڈ تک کی حدود میں ہونا چاہئے اس سے کم یا زیادہ چاہے فضا میں کتنی ہی آوازیں موجود ہوں ہم ان کو درک نہیں کر سکتے۔ 
۴۔ یہ بات سب جانتے ہیں کہ چھوٹے چھوٹے جانداروں (وائرس اور بیکٹریز) کی تعداد اِنسان کی تعداد سے کیں ی زیادہ ہیں، اور بغیر کسی دوربین کے دیکھے نہیں جا سکتے، اور شاید اس کے علاوہ بہت سے ایسے چھوٹے جاندار پائے جاتے ہیں جن کو سائنس کی بڑی بڑی دوربینوں کے ذریعہ ابھی تک نہ دیکھا گیا ہو۔ 
۵۔ ایک ایٹم اور اس کی مخصوص باڈی اور الکٹرون کی گردش نیز پروٹن کے ذریعہ ایک اَیسی عظیم طاقت ہوتی ہے جو کسی بھی حس کے ذریعہ قابل درک نہیں ہے، حالانکہ دنیا کی ہر چیز ایٹم سے بنتی ہے، اور ہوا میں بمشکل دکھائی دینے والے ایک ذرہ غبار میں لاکھوں ایٹم پائے جاتے ہیں۔ 
گزشتہ دانشوروں نے جو کچھ ایٹم کے بارے میں نظریہ پیش کیا تھا وہ صرف تھیوری کی حد تک تھا لیکن کسی نے بھی ان کی باتوں کو نہیں جھٹلایا۔ 
۶۔ انھیں چیزوں میں سے ہوا بھی ہے جو ہمہ وقت ہمارے چاروں طرف موجود رہتی ہے اور اس قدر وزنی ہے کہ ہر اِنسان ۱۶ ہزار کلوگرام کے برابر اس کو برداشت کر سکتا ہے، اور ہمیشہ عجیب و غریب دباؤ میں رہتا ہے البتہ چونکہ یہ دباؤ (اس کے اندرونی دباؤ کی وجہ سے ) ختم ہوتا رہتا ہے لہٰذا اس دباؤ کا ہم پر کوئی اثر نہیں پڑتا، جبکہ کوئی بھی اِنسان یہ تصور نہیں کرتا کہ ہوا اس قدر وزنی ہے، ‘‘گلیلیو’’ اور ‘‘پاسکال’’ سے پلے ں کسی کو ہوا کے وزن کا علم نہیں تھا، اور اب جبکہ سائنس نے اس کے وزن کی صحت کی گواہی دے دی پھر بھی ہم اس کا احساس نہیں کرتے۔ 
لہٰذا اگر کوئی چیز غیر محسوس ہے تو یہ اس کے نہ ہونے پر دلیل نہیں ہے، آپ دیکھیے دنیا میں اَیسی بہت سی چیزیں بھری پڑی ہیں جو غیر محسوس ہیں جن کو ہمارے حواس درک نہیں کر سکتے !
جیسا کہ ایٹم کے کشف سے پہلے  یا ذرہ بینی (چھوٹی چھوٹی چیزوں ) کے کشف سے پہلے کسی کو اس بات کا حق نہیں تھا کہ ان کا انکار کرے، اور ممکن ہے کہ بہت سی چیزیں ہمارے لحاظ سے مخفی ہوں اور ابھی تک سائنس نے ان کو کشف نہ کیا ہو بلکہ بعد میں کشف ہوں تو اَیسی صورت میں ہماری عقل اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ ان شرائط (علم کا محدود ہونا اور مختلف چیزوں کے درک سے عاجز ہونے ) کے تحت ہم ان چیزوں کے بارے میں نظریہ پیش کریں کہ وہ چیزیں ہیں یا نہیں ہیں۔ 
خلاصہ یہ کہ ہمارے حواس اور دوسرے وسائل کا دائرہ محدود ہے لہٰذا ان کے ذریعہ ہم عالَم کو بھی محدود مانیں۔ 
البتہ یہ غلط فمیہ نہ ہو کہ ہم یہ دعویٰ کرن اچاہتے ہیں کہ جس طرح سے الکٹرون، پروٹون یا دوسرے رنگ سائنس نے کشف کیے ہیں تو سائنس مزید ترقی کر کے بعض مجہور چیزوں کو کشف کر لے گا، اور ممکن ہے کہ ایک روز ایسا آئے کہ اپنے ساز و سامان کے ذریعہ ‘’عالم ماورائے طبیعت’‘ کو بھی کشف کر لے !
جی نہیں ، اس بات کا کوئی امکان نہیں ہے جیسا کہ ہم نے کاس کہ ‘’ماورائے طبیعت’‘ اور ‘’ماورائے مادہ ‘‘ کو مادی وسائل کے ذریعہ نہیں سمجھا جا سکتا، اور یہ کام مادی اسباب و سازو سامان کے بس کی بات نہیں ہے۔ 
لہٰذا  ہماری عقل اور سائنس کا یہ قطعی فیصلہ ہے کہ بہت سی حرکات، ذرات، ہوا، طاقتیں اور دیگر چیزیں اَیسی ہیں جن کو ہم نہیں دیکھتے، اور ان حواس میں سے کسی ایک سے بھی ان کو درک نہیں کیا جا سکتا، لہٰذا یہ بھی ممکن ہے کہ ہمارے اطراف میں بہت سی اَیسی چیزیں ہوں جن کا ہم احساس نہیں کرتے، بہت سے ایسے جاندار ہوں جن کو ہم نہیں دیکھتے، جن کا احساس نہیں کرتے کیوں کہ ہمارے حواس تمام موجودات کو ہمارے لیے کشف کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ لہذا ہمیں یہ تصور نہیں کرنا چاہیئے کہ تمام موجودات کی حقیقت صرف وہی ہے جس کو ہم اپنے حواس کے ذریعہ درک کر لیں بلکہ اس کے برخلاف ہمیں سوچنا چاہیئے کہ ممکن ہے بہت سی موجودات ہوں جن کو ہم درک نہیں کر سکتے۔ 

معرفت الہی قرآن کی روشنی میں

اللہ تعالیٰ کی ذات یا اس کے وجود پر بحث، یہ مخلوقات کے بس کی بات نہیں، نہ انہیں زیب دیتی ہے۔ 
ہمارے لیے یہی مناسب تھا کہ رب العالمین اپنے افعال اور اسماء کا تعارف خود کرائے اور ہم اس کو دُہرا دُہرا کر حق عبودیت ادا کرتے رہیں۔ وہ خود ہی اپنی کبریائی، عظمت اور جلال بیان کر سکتا ہے۔ 
ہم سارے اِنسان مخلوقات ہیں، اگر خدا ہمیں پیدا نہ کرتا، یا باقی رہنے کے انتظام نہ کرتا رہے تو ہمارا نام و نشان بھی نہ ہوتا۔ 
‘‘وہی اول ہے وہی آخر بھی ہے اور ظاہر بھی ہے اور مخفی بھی، اور وہ ہر چیز کا خوب خوب علم رکھنے والا ہے۔ ’’ (سورہ حدید 57 : 3)
جب بادل گرجے یا بجلی کوندے تو اس کے پیچھے امر ربی، مینہ برسے یا رُت بدلے، اذن اللہ کا، سورہ رعد میں وہ فرماتا ہے :
‘‘وہی ہے جو تمہارے سامنے بادلوں میں بجلی چمکاتا ہے، اسے دیکھ کر تم اُمید و بیم میں پڑ جاتے ہو، پانی سے لدے دل بادل وہی لا کھڑا کرتا ہے، بادلوں کی گھن گرج حمد کرتے ہوئے اس کی تسبیح بیان کرتے ہیں، اور فرشتے الگ اس کی ہیبت سے لرزتے ہوئے تسبیح کرتے ہیں۔ کڑکتی ہوئی بجلیاں جن پر چاہے گرا بھی دیتا ہے۔ فی الواقع اس کی کام بڑا زبردست ہوا کرتا ہے۔ ’’ (سورہ رعد13 : 13)
زندگی بخشنے میں یا جان لینے میں، زرخیزی لانے یا زمین کی پیداوار روکنے میں کسی کا دخل نہیں۔ 
اللہ اپنی ذات اور افعال میں یکتا ہے، یہ ایک بدیہی اور ازلی حقیقت ہے، کل مخلوق، زمین تاثر یا اس کی لمحہ بہ لمحہ محتاج۔ 
اللہ تعالیٰ کے اسماء الحسنی ہی اس کی صفات کمال تک پہنچانے والے ہیں۔ انہیں اسماء و صفات سے وہ اپنا تعارف کراتا ہے۔ کلام اللہ میں جگہ جگہ اس کے اسماء الحسنی چمکتے موتیوں کی طرح منور ہیں۔ 
درج ذیل آیات مبارکہ میں اسما و صفات کی طرف غور   کیجئے :
اور وہ اللہ ہی تو ہے جو ہر رِزق دینے والے سے بڑھ کر رِزق رساں ہے۔ ’’ ( سورۂ حج 22 : 58)
 ‘‘بلاشبہ اللہ بے حد علم رکھنے والا بردبار ہے۔ ’’ (سورہ حج 22 : 59)
 ‘‘بے شک اللہ درگزر بھی کرتا ہے اور مغفرت بھی قبول کرتا ہے۔ ’’ (سورہ نحل 16 : 18)
‘‘وہ ایسا اس لیے کرتا ہے کہ اللہ ہی رات سے دن اور دن سے رات کو نکالتا ہے ’’۔ (سورہ حج 22 : 61)
 ‘‘اور اس لیے بھی کہ اللہ سمیع (خوب سنتا) ہے اور بصیر (خوب دیدہ ور) ہے۔ ’’ (سورہ حج 22 : 61)
 ‘‘یہ اس لیے کہ اللہ ہی سر بسر حق اور وہ سب کے سب باطل، جنہیں اللہ کو چھوڑ کر یہ لوگ پکارتے ہیں۔ ’’ (سورہ حج 22 : 62)
 ‘‘اور اللہ ہی بالا دست معظم ہے۔ ’’ (سورہ حج 22 : 62)
 ‘‘کیا تم دیکھتے نہیں، اللہ آسمان سے پانی برساتا ہے، اور اس کی بدولت زمین سرسبز ہو جاتی ہے۔ ’’ (سورہ حج 22 :63)
‘‘حقیقت یہ ہے کہ وہ لطیف (نازک کام کرنے والا) اور خبیر (اس نازک کام پر پوری مہارت رکھنے والا) ہے۔ ’’(سورہ حج22 : 63)
 ‘‘اُسی کا ہی تو ہے وہ سب کچھ جو آسمان میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے۔ ’’ (سورۂ بقرہ 22: 116)
‘‘خبردار، یہ خیال نہ کرنا کہ (اللہ کو کچھ اس ساز و سامان کی حاجت ہے ) وہ تو سب سے بے نیاز ہے مگر پھر بھی سب اسی کے ثناء خواں ہیں۔ ’’ (سورہ حج 22: 64)
‘‘کیا تم دیکھتے نہیں ہو کہ اس نے وہ سب کچھ تمہارے لیے مسخر کر رکھا ہے جو زمین میں ہے اور اسی کے حکم سے کشتی سمندر میں تیرتی ہے۔ ’’ (سورہ حج 22 : 65)
 ‘‘اور وہی آسمان کو تھامے ہوئے ہے کہ مبادا زمین پر آن پڑے، یہ اُسی کے حکم سے ہے ’’(یہ اپنی جگہ قائم ہے ) (سورہ حج 22 : 65)
‘‘بے شک اللہ لوگوں کے حق میں بڑا مشفق اور رحیم ہے۔ ’’(سورہ بقرہ 2 : 143)
ایسے رب کو چھوڑ کر ہمیں کہیں اور بھٹکنے کی کیا ضرورت ہے، کیا ان آیات کا تسلسل دل میں اس کی عظمت اور محبت کو پیدا نہیں کرتا۔ قرآن ہی عقیدے اور عمل کو آلائشوں سے پاک کرتا ہے۔ 
ہم دیکھتے ہیں کہ ایک طرف الحاد و بے دینی نے الوہیت کے ادراک میں رکاوٹ ڈالی ہے تو دوسری طرف ایک اور انتہا شرک کرنے والوں کی ہے۔ دوسرے فریق کے نزدیک اللہ تعالیٰ موجود تو ہے مگر اسے مددگاروں کی ضرورت ہوتی ہے، اور یہ مددگار بھی قابل پرستش ہیں۔ ان کی آشیرواد کے بغیر سب سے بڑے اِلٰہ تک ہماری رسائی نہیں ہو سکتی۔ 
اللہ فرماتا ہے : یہ دوسری بیج کی ہستیاں جن کی عِبادت کرنے میں تم شدید رغبت رکھتے ہو ‘‘وہ تو محض نام ہی نام ہیں جو تم نے اور تمھارے باپ دادا نے گڑھ لیے ہیں، (حقائق کا ان سے کوئی تعلق نہیں ) خدا نے کی کوئی سند اور دلیل نازل نہیں کی، یہ محض ظن (فاسد) اور خواہشات نفس کے پیچھے چل رہے ہیں۔ ’’ (سورہ نجم 52 : 23)
اللہ فرماتا ہے :‘‘لوگوں نے اسے چھوڑ کر ایسے معبود بنا لیے جو کسی چیز کو پیدا نہیں کرتے بلکہ وہ خود مخلوق ہیں، ایسے کہ اپنے نفع و نقصان کے مالک بھی نہیں ہیں۔ جو نہ مار سکتے ہیں، نہ زندگی بخش سکتے ہیں اور نہ مردوں کو دوبارہ زندہ کرنے کی استطاعت رکھتے ہیں۔ ’’ (الفرقان: ٣)
کیا یہ حیرت انگیز بات نہیں کہ بے شمار لوگ اوہام کو پوجتے رہے ہیں۔ اس قدر سطحی سوچ، پھر ان آلہ سے تعلق کی نوعیت محض ایک سفارش کرنے والے کی سی نہ تھی، بلکہ ان کا احترام اور ان سے محبت حقیقی معبود سے بھی بڑھ کر تھی۔ 
آخر اُس شخص سے زیادہ بہکا ہوا اِنسان اور کون ہو گا جو اللہ کو چھوڑ کر اُن ہستیوں کو پکارے جو قیامت تک اُسے جواب نہیں دے سکتے۔ بلکہ اس دعا سے ہی بے خبر ہیں جو اُن سے مانگتے ہیں۔ 
شرک کرنے کی کوئی دلیل نہیں ہوتی، یہی وجہ ہے کہ بعض  لوگ اشتراکی نظریہ کے سامنے دم بخود ہو گئے اور کئی خداؤں کو ماننے والے اب ایک خدا کو بھی نہیں مانتے، کیونکہ اشتراکی انقلاب نے عقلی دلیلوں سے ان جھوٹے خداؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی۔ حقیقی خدا سے وہ پہلے ہی غیر آشنا تھے، آخر کو ملحد بن گئے۔ 
جہاں قرآن عقائد میں شرک کا قلع قمع کرتا ہے وہاں اِنسانی رویے میں وہ خوبی پیدا کر دیتا ہے جو توحید کی حقیقت کو اپنا لیتا ہے۔ طرز عمل میں متانت تب ہی ممکن ہے جب باطن میں توحید کی حقیقت رچ بس گئی ہو۔ نفس اگر خواہشات کا قیدی رہا تو پھر حریت نفس کہاں سے آئے گی۔ کئی روحیں آزاد ہوتی ہیں، تو بہت سی خواہشات کی غلام بھی ہوتی ہیں۔ 
غیر اللہ سے قرآن مجید بندوں کو ایسا مایوس کرتا ہے کہ وہ انتہائی حالات میں بھی اُسی کے در سے چمٹے رہیں۔ سورہ ملک میں ارشاد ہوتا ہے۔ 
‘‘بتاؤ آخر وہ کون سا شکر ہے جو رحمان کے مقابلے میں تمہاری مدد کر سکتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ منکرین دھوکے میں پڑے ہوئے ہیں۔ ’’ (سورہ الملک 67 : 20)
‘‘اچھا یہ بتاؤ اگر رحمان اپنا رِزق روک لے تو تمہیں کون رِزق دے سکتا ہے۔ ’’ (سورہ الملک67 : 21)

تصور خدا اور اس کے اثرات قرآن کی روشنی میں

    اِسلامی نظام کا دارومدار تصور خدا و ایمان بالله پر ہے۔ اِسلامی نظام میں ایمان بالله کی اہمیت اور اس کا بنیادی عنصر ہونا، محض اس حد تک نہیں کہ خداوند موجود ہے۔ ورنہ دنیا کے تمام اِنسان کسی نہ کسی انداز میں وجود خدا کا اقرار کرتے  ہیں۔ بلکہ وجود خدا کا اقرار اسکی تمام صفات ثبوتیہ و سلبیہ کے ساتھ ہونا چاہیے جس کی بنیاد پر اِنسان صحیح معنوں میں ایک واقعی خدا پرست بن سکے۔ 
  قرآن کریم وہ واحد کتاب ہے جس نے خدا کا تصور صحیح اور حقیقی معنوں میں پیش کیا ہے، جو دنیا کی کسی اور کتاب یا کسی اور مذہب میں ہمیں نہیں ملتا۔ یہ صحیح ہے کہ دوسری قومیں اور دوسرے مذاہب میں بھی خدا کا تصور پایا جاتا ہے مگر ہر جگہ یا غلط ہے یا نامکمل ہے۔ کہیں خدا نام ہے اولیت و واجبیت کا تو کہیں اس سے مبداٴ اولیٰ مراد ہے، کہیں قوت و طاقت کا ہم معنی ہے تو کہیں طلب حاجات و اجابت دعوات کا مرکز، کہیں صرف محبت کا مرجع کل تو کہیں وہ خوف و ہیبت کی کوئی چیز پھر،کہیں قابل تجزیہ و تقسیم تو کہیں تشبیہ سے آلودہ، کہیں وہ آسمانوں پر متمکن ہے اور کہیں اِنسانی  بھیس میں زمین پر اتر کر کشتی بھی لڑ لیتا ہے۔ ان تمام ناقص یا غلط تصورات کی تکمیل یا تصحیح جس کتاب نے کی ہے وہ قرآن کریم ہے۔ 
      قرآن کریم نے ہمیں بتایا، خدا وہی ہو سکتا ہے جو بے نیاز و صمد اور قیوم ہو، ہمیشہ سے ہو اور ہمیشہ رہے، قادر مطلق اور حاکم علی الاطلاق ہو، زمین و آسمان پر اسی کی حکمرانی ہو اسی کے لیے زمین و آسمان کی سلطنت ہو، اس کا علم ہر چیز کو اپنے احاطے میں لیے ہو اور ہر  شیٴ کے ظاہر و باطن کو جانتا ہو۔ کوئی پتہ بھی اس کے علم میں آئے بغیر حرکت نہ کر سکے، چھوٹے سے چھوٹا ذرہ بھی اس کے علم سے خارج نہ ہو۔ جس کی رحمت کے سب پروردہ ہوں۔ بغیراس کی رحمت کے کوئی ایک سانس بھی نہ لے سکے، جس کی طاقت ہر چیز پر غالب اور جس کی حکمت عالیہ میں نقص کا ذرہ برابر بھی شائبہ نہ ہو،جس کی عدالت ذرہ ذرہ کا حساب رکھے اور ظلم کا گمان تک نہ ہونے پائے۔ جو لوگوں کو پیدا کرنے کے بعد ان کی زندگی کے سر و سامان اور رِزق کا خود ذمہ دار ہو اور ان کے لیے تمام اسباب مہیا کر دے، جو نفع و ضرر، ساری قوتوں کا خود مالک ہو۔ اس کے بغیر نہ کوئی کسی کو فائدہ پہونچا سکے اور نہ نقصان، اور کوئی دوسرا بھی اس کے نفع و نقصان کو نہ بدل سکے، اسکی بخشش و عطا کے سب محتاج ہوں وہ کسی کا محتاج نہ ہو،اسکی طرف تمام مخلوقات کی بازگشت ہو اور وہی حساب لینے والا اور اسی کو جزا و سزا کا اختیار کل ہو اور پھر خداوند کے یہ تمام اوصاف ناقابل تجزیہ ہوں، نہ قابل تقسیم کہ اس بات کا امکان پیدا ہو سکے کہ ایک وقت میں کئی خدا مل کر کار گاہ ہستی پر براجمان ہوں۔ اسی طرح تمام صفات نہ زمانی اور وقتی ہوں اور نہ قابل انتقال کہ آج کسی خدا میں ہوں اور کل دوسرے میں۔ 

 خدا کا یہ کامل اور صحیح، عقلی اور فطری تصور پیش کرنے کے بعد قرآن کریم ایک منفرد انداز میں انتہائی زور بیانی کے ساتھ یہ ثابت کر رہا ہے کہ کائنات کی جتنی اشیاء، طاقتیں اور قوتیں ہیں ان میں سے کسی ایک پر خدا کا یہ مفہوم صادق نہیں آتا ہے۔ کیونکہ موجودات عالم تمام کے تمام محتاج ہیں اس لیے کہ سب مخلوق، فانی، اور مسخر ہیں نفع بخش اور مضر ہونا تو درکنار خود اپنی ذات سے ضرر کو دفع کرنے اور جلب منفعت پر قادر نہیں ہیں کسی کو خلق کرنے کی کیا بات خود اپنی خلقت میں خالق کل کے محتاج ہیں اور خلقت کے بعد بقاء میں بھی بے نیاز نہیں بلکہ ہر لحظہ اور ہر پل خالق مطلق کی عنایتوں کے محتاج اور اسی کے رحم و کرم پر نگاہ احتیاج جمائے رہتے ہیں اور اگر سر چشمہ کل سے ایک (مائکرو سکنڈ) micro second) )) کے لیے بھی رابطہ ٹوٹ جائے تو فنا اور ختم ہو جائیں۔ 
قرآن کریم اس نفی کے بعد الوہیت کو صرف ایک ذات کے لیے ثابت کرتا ہے اور وہ الله سبحانہ کی ذات اقدس ہے ‘‘ لاالہ الاالله’’  الله کے علاوہ کوئی دوسرا خدا نہیں ہے اور اسی کے بعد قرآن تمام اِنسانوں سے الله سبحانہ پر ایمان لانے کا مطالبہ کرتا ہے اور اسی کے آگے سر تسلیم خم کرنے، اسی کی تعظیم کرنے اور اسی سے محبت اور اسی پر توکل کرنے کا حکم دیتا ہے، اسی کو اٹھتے بیٹھتے کروٹیں بدلتے، یاد رکھنے کا تقاضہ کرتا ہے تاکہ یہ ذہن نشین رہے کہ ایک دن اس کی بارگاہ میں حاضری دینی ہے جہاں ایک ایک ذرے کا حساب دینا ہے۔ 

الوہیت کے اثرات

]قرآن کی روشنی میں الله سبحانہ تعالیٰ کے خدا ہونے کا اقرار نفسیاتی اور فطری طور پر اِنسان کی پوری زندگی میں اثرانداز ہوتا ہے۔ اس کی نظر و فکر بدل جاتی ہے ہر ہر قدم پر رفتار و کردار میں تغیر رونما ہوتا ہے اس کی نگاہ معرفت اتنی وسیع ہو جاتی ہے جس کا اندازہ بغیر لاالہ الاالله کو بیان کیے ممکن ہی نہیں اب وہ دنیا کی ہر شیٴ کو اپنے ہی جیسا پاتا ہے کیونکہ جو اس کا خالق ہے وہی دنیا کی تمام اشیاء کا پیدا کرنے والا ہے اور جس کی وہ عِبادت کرتا ہے سارا جہان اسی کی عِبادت کرتا ہے۔ 
ساتوں آسمان  و زمین اور جو کچھ اس میں ہے سب خدا ہی کی تسبیح کرتے ہیں (الاسراء/۴۴)
اور جب سب اسی کی مخلوق ہیں اور اسی کی طرف دست نیاز پھیلائے ہوئے ہیں تو اب ایک مومن عزت نفس کی بنیاد پر غیر الله کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کرتا کیونکہ سارا جہان اسی کی طرح خدائے واحد کی مخلوق ہے۔ 
جن کو تم پکارتے ہو وہ تمہارے ہی طرح الله کے بندے ہیں (اعراف/۱۹۴)
مومن کسی اور سے مدد کا طالب نہیں ہوتا کیونکہ غیر خدا کسی کی نصرت نہیں کر سکتے۔ جو لوگ الله کے علاوہ کسی کو پکارتے ہیں وہ کسی دوسرے بندے کی مدد نہیں کر سکتے اور نہ اپنی مدد کر سکتے ہیں (اعراف/۷ ۱۹)
 تمام قوتیں الله کے لیے ہیں (بقرہ /۱۶۵)
اسی کو حکم دینے کا اختیار ہے  (انعام/۵۷)
وہی صاحب امر ہے   (الرعد/۳۱)
وہی رازق ہے   (الذاریات/۵۸)
زمین و آسمان کی کنجیاں اسی کے  پاس ہے  (الزمر/۶۵)
موت و حیات کا تنہا وہی مالک ہے  (ق/۴۳)
لوگوں کے فائدے و نقصان اسی کے دست قدرت میں ہیں (الانبیاء /۶۶)
خداوند عالم کی بے پناہ نعمات کے پیش نظر ایک مرد مومن جہاں غیر خدا کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کو تیار نہیں ہے وہیں خدائے واحد کے سامنے سراپا خاضع و خاشع دکھائی  دیتا ہے اور چلتے پھرتے بھی اس کی یہ صفت نمایاں رہتی ہے۔ 
رحمان کے بندے وہ ہیں جو زمین پر فروتنی کے ساتھ چلتے ہیں اور جب جاہل ان کو مخاطب کرتے ہیں (یعنی ان سے جاہلانہ باتیں کرتے ہیں ) تو وہ سلام کہہ کر(ان کو نظرانداز کر دیتے ہیں )(الفرقان /۱۶۳)
خدائے واحد کا  صحیح تصور اِنسان کے تمام  بے جا و غلط  توقعات کو ختم کر دیتا ہے یہ اور بات ہے معرفت الہٰی سے محروم یا متعصب افراد یہ کہتے ہیں۔ ‘‘ یہ چھوٹے چھوٹے خدا الله کے نزدیک  ہماری شفاعت کریں گے ’’(یونس/۱۸)
 ‘‘اسی طرح یہود و نصاریٰ کہتے ہیں ہم الله کے بیٹے اور دوست ہیں ’’(المائدہ /۱۸)
      یعنی یہود و نصاریٰ یہ ظاہر کرنا چاہتے ہیں کہ ہم الله کے بیٹے اور اس کے دوست ہیں تو ہمیں اختیار ہے کہ ہم جو چاہیں کریں عذاب و سزا ہمارے لیے نہیں ہے۔ 
قرآن کریم اس غلط فکر کو سرے سے ختم کرتے ہوئے فرماتا ہے کہ:
‘‘تم بھی ان میں سے ایک ہو سب کو اسی نے پیدا کیا ہے ’’(المائدہ /۱۸)
 ‘‘خدا کا نہ کوئی بیٹا ہے نہ شریک ’’(الاسراء /۱۱۱)
‘‘اور کوئی بھی بغیر اس کی اجازت کے شفاعت کر ہی نہیں سکتا ہے ’’(بقرہ /۲۵۵)
خداوند عالم کی الوہیت کا اقرار اِنسان میں حوصلہ اور اطمینان قلب پیدا کر دیتا ہے کہ پھر وہ اب کسی سے نہیں ڈرتا۔ حالات سے گھبرانے کے بجائے پوری استقامت صبر و تحمل و شجاعت و دلیری کے ساتھ ہر حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرتا ہے۔ اور بڑے سے بڑے چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے ہر آن تیار رہتا ہے کیونکہ وہ یہ سمجھتا ہے کہ ہر وقت اور ہر جگہ خدا ہمارے ساتھ ہے۔ 
‘‘میرے بندے جب میرے بارے میں سوال کریں (تو ان سے کہہ دیں ) کہ میں ان سے قریب ہوں اور ان کی دعاؤں کو سنتا ہوں ’’(بقرہ/۱۸۶)
‘‘ جو لوگ الله سبحانہ کو اپنا پروردگار مانتے ہیں اور پھر اس پر ثبات قدمی کا مظاہرہ کرتے ہیں ان پر ملائکہ نازل ہوتے ہیں اور کہتے ہیں ڈرنے و رنجیدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ’’(فصلت/۳۰)
‘‘آگاہ ہو جاؤ ! ذکر خدا سے دلوں کو سکون  ملتا ہے ’’(الرعد/۲۸)
‘‘جس نے طاغوت کا انکار کیا اور خدا پر ایمان لایا اس نے اَیسی مضبوط رسی پکڑ لی ہے جو ٹوٹنے والی نہیں ہے ’’ (بقرہ /۲۵۶) 
یہی نہیں کہ ایک مرد مومن غیر خدا کی طاقت سے صرف ڈرتا نہیں بلکہ اس کے مقابل اس کے ایمان میں اضافہ ہوتا ہے جب لوگ کچھ ان سے کہتے ہیں کہ لوگ تمہارے خلاف جمع ہو گئے ہیں ان سے ڈرو(تو ڈرنے کے بجائے )ان کے ایمان میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ کہتے ہیں ‘‘الله ہمارے لیے کافی اور بہترین سرپرست ہے ’’(آل عمران/۱۷۳)
جیسا کہ ایمان کی شمع جب فرعون کے جادو گروں کے دلوں میں روشن ہو گئی تو وہ بلا خوف و خطر بول اٹھے : ‘‘اے فرعون تو ہمیں اپنی سزا سے ڈرا مت۔ ہمیں تیری سزا کی کوئی پرواہ نہیں، ہم اپنے پروردگار کی طرف جانے والے ہیں اور ہماری بس یہ تمنا ہے کہ خدا ہمارے گناہوں کو معاف کر دے اور بخش دے۔ ’’( شعراء /۵۰۔ ۵۱)
اسی طرح ایک حقیقی و واقعی مومن نہ کسی سے عزت افزائی  کا خواہشمند ہوتا ہے اور نہ کسی کی تذلیل کی پروا کرتا ہے کیونکہ نور ایمان کی روشنی میں اب اس کے سامنے قرآنی فلسفہ عزت و ذلت موجود ہے کہ الله تو جسے چاہے عزت دے جسے چاہے ذلیل و رسوا کر دے۔ ‘‘ تیری ہی قدرت میں تمام چیز ہے اور تو ہی  ہر چیز پر قادر ہے ’’( آل عمران /۲۰۶)
اسی طرح خدا کا ایک نیک بندہ ہر جگہ خدا کو شہید و بصیر جانتا اور مانتا  ہے جس کا نتیجہ اس کی روز مرہ کی زندگی میں آشکار و ظاہر ہوتا ہے اور وہ ہر عمل یہ سوچ کر انجام دیتا ہے کہ میرا پروردگار میرے اس عمل کو دیکھ رہا ہے اور اس سے میرا عمل پوشیدہ نہیں ہے۔ ‘‘یقیناً خدا سے زمین و آسمان کی کوئی شیٴ پوشیدہ نہیں ہے ’’( آل عمران /۵)
‘‘ہم نے اِنسان کو پیدا کیا اور ہم اس کے نفس کے وسوسہ کو بھی جانتے ہیں اور اس کی شہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہیں ’’(ق/۱۶)
‘‘کوئی سرگوشی تین آدمیوں میں اَیسی نہیں جس میں وہ چوتھا نہ ہو۔ اور کوئی سرگوشی پانچ آدمیوں میں اَیسی نہیں جس میں وہ چھٹا نہ ہو یا اس سے زیادہ یا کم آدمیوں کا کوئی اجتماع ایسا نہیں جس میں وہ نہ ہو چاہے وہ اجتماع کہیں بھی ہو ’’(المجادلۃ/۷)
جو خدا کا اقرار کر لیتا ہے اور ہمہ وقت تصور خدا اس کے دماغ میں ہوتا ہے تو اس میں کہیں سے کوئی انحراف، کج رفتاری و کج فکری آ ہی نہیں سکتی ایسا اِنسان عقیدہ و عمل دونوں میدان میں صراط مستقیم پر گامزن رہے گا۔ اور واقعی ایک اِنسان کامل بن جائے گا جو مطلوب خدا ہے اور پھر اگر تمام اِنسان یونہی قرآن کی روشنی میں خدا کا اقرار کر لیں تو ایک بہترین سماج خود بخود وجود میں آ جائے گا جہاں نہ ظلم ہو گا نہ ستم نہ برائیاں ہوں گی نہ خرابیاں، ہر طرف صدق و صفا،عدل و انصاف اور مساوات و برادری کا ماحول ہو گا جہاں حکومت صرف اور صرف اچھائیوں کی ہو گی برائیاں شہر بدر ہوں گی۔ 
آج اِنسانی سماج میں جتنی برائیاں اور خرابیاں ہیں۔ جتنے خرافات، بدعتیں، جتنے مظالم اور نا انصافیاں ہیں سب کی واحد اور ایک بنیاد یہی ہے کہ یا ہمارے یہاں خدا کا کوئی تصور نہیں اس کی الوہیت کا اقرار نہیں یا اگر ہے تو ہم اپنی عملی زندگی میں اس کو خدا تسلیم نہیں کیا ہے۔ یا اگر تسلیم کیا ہے تو اس کی صفات میں غیر خدا کو شریک مانا ہے۔ 




اپنے پیغمبر کو پہچانیے 
بادشاہوں کے نام خطوط


صلح حدیبیہ کے بعد جب جنگ و جدال کے خطرات ٹل گئے، اور ہر طرف امن و سکون کی فضا پیدا ہو گئی تو چونکہ رسول اللہ ﷺ کی نبوت و رسالت کا دائرہ صرف خطہ عرب ہی تک محدود نہیں تھا، بلکہ آپ تمام عالم کے لیے نبی بنا کر بھیجے گئے تھے، اس لیے آپ نے ارادہ فرمایا کہ اسلام کا پیغام تمام دنیا میں پہنچا دیا جائے۔ چنانچہ آپ نے روم کے بادشاہ قیصر، فارس کے بادشاہ کسریٰ، حبشہ کے بادشاہ نجاشی، مصر کے بادشاہ عزیز مصر، اور دوسرے سلاطین عرب و عجم کے نام دعوت اسلام کے خطوط روانہ فرمائے۔ صحابہ کرام میں کون کون حضرات ان خطوط کو لے کر کن کن بادشاہوں کے دربار میں گئے ان کی فہرست کافی طویل ہے، مگر ایک ہی دن میں چھ خطوط لکھوا کر اور اپنی مہر لگا کر جن چھ قاصدوں کو جہاں جہاں آپ نے روانہ فرمایا وہ یہ ہیں : 
1.	حضرت دحیہ کلبی 			ہر قل قیصر روم کے دربار میں 
2.	حضرت عبد اللہ بن حذافہ سہمی		خسرو پرویز شاہ ایران کے دربار میں 
3.	حضرت حاطب بن ابی بلتعہ		مقوقس عزیز مصر کے دربار میں 
4.	حضرت عمرو ابن امیہ 			نجاشی بادشاہ حبشہ کے دربار میں 
5.	حضرت سلیط بن عمر 			ہوزہ بادشاہ یمامہ کے دربار میں 
6.	حضرت شجاع بن وہب الاسدی		حارث غسانی والی غسان کے دربار میں 
نامہ مبارک اور قیصر : شام میں عرب کا جو خاندان قیصر کے زیر حکومت رہا کرتا تھا وہ غسانی خاندان تھا اور اس کا پایہ تخت بصری تھا جو دمشق کے علاقہ میں ہے اور آج کل حوران کہلاتا ہے۔ اس زمانہ میں اس خاندان کا تخت نشین حارث غسانی تھا، حضرت دحیہ کلبی نے آنحضرت کا نامہ مایرک یہیں بصری میں حارث غسانی کو لا کر دیا، اس نے قیصر کے پاس بیت المقدس میں بھیج دیا، کیوں کہ قیصر روم (ہرقل) ان دنوں بیت المقدس کے دورہ پر آیا ہوا تھا، قیصر کو جب یہ مبارک خط ملا تو اس نے حکم دیا کہ قریش کا کوئی آدمی ملے تو اس کو ہمارے دربار میں حاضر کرو۔ قیصر کے حکام نے تلاش کیا تو اتفاق سے ابو سفیان اور عرب کے کچھ دوسرے تاجر مل گئے۔ یہ سب لوگ قیصر کے دربار میں لائے گئے۔ قیصر نے بڑے طمطراق کے ساتھ دربار منعقد کیا اور تاج شاہی پہن کر تخت پر بیٹھا، اور تخت کے گرد اراکین سلطنت، بطارقہ، اور احبار و رہبان وغیرہ صف باندھ کر کھڑے ہو گئے، اسی حالت میں عرب کے تاجروں کا گروہ دربار میں حاضر کیا گیا، اور شاہی محل کے تمام دروازے بند کر دیے گئے، پھر قیصر نے ترجمان کو بلایا، اور اس کے ذریعہ گفتگو شروع کی۔ سب سے پہلے قیصر نے یہ سوال کیا کہ عرب میں جس شخص نے نبوت کا دعوی کیا ہے تم میں سے ان کا سب سے قریبی رشتہ دار کون ہے ؟ ابو سفیان نے کہا کہ میں، قیصر نے ان کو سب سے آگے کیا، اور دوسرے عربوں کو ان کے پیچھے کھڑا کیا، اور کہا کہ دیکھو اگر ابو سفیان کوئی غلط بات کہے تو تم لوگ اس کا جھوٹ ظاہر کر دینا، پھر قیصر اور ابوسفیان میں جو مکالمہ ہوا وہ یہ ہے : 
قیصر :		مدعی نبوت کا خاندان کیسا ہے ؟ 
ابو سفیان :		ان کا خاندان شریف ہے۔ 
قیصر :		کیا اس خاندان میں ان سے پہلے بھی کسی نے نبوت کا دعوی کیا تھا؟
ابو سفیان:		نہیں۔ 
قیصر :		کیا ان کے باپ داداؤں میں کوئی بادشاہ تھا؟
ابو سفیان:		نہیں۔ 
قیصر:		جن لوگوں نے ان کا دین قبول کیا وہ کمزور لوگ ہیں یا صاحب اثر و رسوخ۔ 
ابو سفیان :		کمزور لوگ ہیں۔ 
قیصر:		ان کے متبعین بڑھ رہے ہیں یا گھٹتے جا رہے ہیں ؟
ابو سفیان:		بڑھتے جا رہے ہیں۔ 
قیصر :		کیا کوئی ان کے دین میں داخل ہو کر پھر اس کو نا پسند کر کے پلٹ بھی جاتا ہے ؟
ابو سفیان:		نہیں۔ 
قیصر :		کیا نبوت کا دعوی کرنے سے پہلے تم لوگ انہیں جھوٹا سمجھتے تھے ؟
ابو سفیان:		نہیں۔ 
قیصر :		کیا وہ کبھی عہد شکنی اور وعدہ خلافی بھی کرتے ہیں ؟
ابو سفیان :	ابھی تک تو نہیں کی ہے، لیکن اب ہمارے اور ان کے درمیان (حدیبیہ) میں جو ایک نیا معاہدہ ہوا ہے، معلوم نہیں وہ اس میں کیا کریں گے۔ 
قیصر :	کیا کبھی تم لوگوں نے ان سے جنگ بھی کی ؟
ابو سفیان:	ہاں۔ 
قیصر :	نتیجۂ جنگ کیا رہا ؟
ابو سفیان :	کبھی ہم جیتے کبھی وہ۔ 
قیصر:	وہ تمھیں کن باتوں کا حکم دیتے ہیں ؟
ابو سفیان :	وہ کہتے ہیں کہ صرف ایک خدا کی عبادت کرو، کسی اور کو خدا کا شریک نہ ٹھہراؤ، بتوں کو چھوڑو، نماز پڑھو، سچ، بولو، پاکدامنی اختیار کرو، رشتہ داروں کے ساتھ نیک سلوک کرو۔ 
اس سوال و جواب کے بعد قیصر نے کہا کہ تم نے ان کو خاندانی شریف بتایا، اور تمام پیغمبروں کا یہی حال ہے کہ ہمیشہ پیغمبر اچھے خاندانوں ہی میں پیدا ہوتے ہیں، تم نے کہا کہ ان کے خاندان میں کبھی کسی اور نے نبوت کا دعوی نہیں کیا اگر ایسا ہوتا تو میں کہہ دیتا کہ یہ شخص اوروں کی نقل اتار رہا ہے، تم نے اقرار کیا ہے کہ ان کے خاندان میں کبھی کوئی بادشاہ نہیں ہوا ہے، اگر یہ بات ہوتی تو میں سمجھ لیتا کہ یہ شخص اپنے آبا و اجداد کی بادشاہی کا طلبگار ہے۔ تم مانتے ہو کہ نبوت کا دعوی کرنے سے پہلے وہ کبھی جھوٹ نہیں بولتے تو جو شخص انسانوں سے جھوٹ نہیں بولتا، بھلا وہ خدا پر کیوں کر جھوٹ باندھ سکتا ہے ؟ تم کہتے ہو کہ کمزور لوگوں نے ا ن کے دین کو قبول کیا ہے تو سن لو ہمیشہ ابتداء میں پیغمبروں کے متبعین مفلس اور کمزور ہی لوگ ہوتے رہے ہیں، تم نے یہ تسلیم کیا ہے کہ ان کی پیروی کرنے والے بڑھتے ہی جا رہے ہیں تو ایمان کا معاملہ ہمیشہ ایسا ہی رہا ہے کہ ان کے ماننے والوں کی تعداد ہمیشہ بڑھتی ہی جا تی ہے۔ تم کو یہ تسلیم ہے کہ کوئی ان کے دین سے پھر کر مرتد نہیں ہو رہا ہے تو تمھیں معلوم ہونا چاہیئے  کہا ایمان کی شان ایسی ہی ہوا کرتی ہے کہ جب اس کی لذت کسی کے دل میں گھر کر لیتی ہے تو پھر وہ کبھی نکل نہیں سکتی، تمھیں اس کا اعتراف ہے کہ انھوں نے کبھی کوئی غداری اور بد عہدی نہیں کی ہے تو رسولوں کا یہی حال ہوتا ہے وہ کبھی کوئی دغا فریب کا کام کرتے ہی نہیں، تم نے ہمیں بتایا کہ وہ خدائے واحد کی عبادت، شرک سے پرہیز، بت پرستی سے ممانعت، پاکدامنی، صلہ رحمی کا حکم دیتے ہیں، تو سن لو کہ تم نے جو کچھ کہا ہے اگر یہ صحیح ہے تو وہ عنقریب اس جگہ کے مالک ہو جائیں گے جہاں اس وقت میرے قدم ہیں، اور میں جانتا ہوں کہ ایک رسول کا ظہور ہونے والا ہے مگر میرا یہ گمان نہیں تھا کہ وہ رسول تم عربوں سے ہو گا، اگر میں یہ جان لیتا کہ میں ان کی بارگاہ میں پہنچ سکوں گا تو میں تکلیف اٹھا کر وہاں تک پہنچتا، اور اگر میں ان کے پاس ہوتا میں ان کے پاؤں دھوتا، قیصر نے اپنی اس تقریر کے بعد حکم دیا کہ رسول اللہ ﷺ کا خط پڑھ کر سنایا جائے۔ چنانچہ آپ کا خط مبارک جو دعوت اسلام اور امن و سلامتی پر مشتمل تھا پڑھ کر سنایا گیا۔ 
قیصر نے ابو سفیان سے گفتگو کی اس سے اس کے درباری پہلے ہی انتہائی برہم اور بیزار ہو چکے تھے اب یہ خط سنا پھر جب قیصر نے ان لوگوں سے یہ کہا اے جماعت روم !اگر تم اپنی فلاح اور اپنی بادشاہی کی بقا چاہتے ہو تو اس نبی کی بیعت کر لو، تو درباریوں میں نہایت درجہ کی ناراضگی پائی گئی،بطارہ اور اہل دربار سخت بر ہم ہو کر، بھاگنا شروع کر دیے جب قیصر نے اپنے درباریوں کی نفرت کا یہ منظر دیکھا تو وہ ان لوگوں کے ایمان لانے سے مایوس ہو گیا اور اس نے کہا کہ ان درباریوں کو بلاؤ جب سب آ  گئے تو قیصر نے کہا کہ ابھی ابھی میں نے تمہارے سامنے جو کچھ کہا اس سے میرا مقصد تمھارے دین کی پختگی کا امتحان لینا تھا، تو میں نے دیکھ لیا کہ تم لوگ اپنے دین میں بہت پکے ہو، یہ سن کر تمام درباری قیصر کے سامنے سجدہ میں گر پڑے اور ابو سفیان وغیرہ دربار سے نکال دیے گئے، اور دربار برخواست ہو گیا۔ چلتے وقت ابو سفیان نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ اب یقیناً محمد (ﷺ )کا معاملہ بہت بڑھ گیا ہے، دیکھ لو رومیوں کا بادشاہ تک ان سے ڈر رہا ہے۔ 
قیصر چونکہ توراۃ و انجیل کا ماہر اور علم نجوم سے واقف تھا اس لیے وہ نبی آخر الزماں کے ظہور سے با خبر تھا، اور ابو سفیان کی زبان سے حالات سن کر اس کے دل میں ہدایت کا چراغ روشن ہو گاج، تھا مگر سلطنت کی حرص و ہوس کی آندھیوں نے اس چراغ ہدایت کو بجھا دیا اور وہ اسلام کی دولت سے محروم رہ گیا۔ 
اسی طرح نبی اکرم ﷺ کے خطوط اور آپ کے قاصد دنیا کے بادشاہوں کے دربار میں پہنچے، علاوہ ازیں بہت سے سلاطین و امراء کو دعوت اسلام کے خطوط تحریر فرمائے جن میں سے کچھ نے اسلام قبول کرنے سے انکار کر دیا اور کچھ خوش نصیبوں نے اسلام قبول کر کے حضور ﷺ کی خدمت اقدس میں نیاز مندیوں سے بھرے ہوئے خطوط بھی بھیجے۔ مثلاً یمن کے شاہان حمیر میں جن جن بادشاہوں نے مسلمان ہو کر بارگاہ نبوی میں عرضیاں بھیجیں، ان بادشاہوں کے نام یہ ہیں : 
۱۔ حارث بن عبد کلال ۲۔ نعیم بن عبد کلال ۳۔ نعمان حاکم ذورعین و معافر و ہمدان ۴۔ زرعہ یہ سب یمن کے بادشاہ ہیں۔ 
ان کے علاوہ فروہ بن عمرو جو کہ سلطنت روم کی جانب سے گورنر تھا، اپنے اسلام لانے کی خبر قاصد کے ذریعہ بارگاہ رسالت میں بھیجی، اسی طرح نجاشی ( بادشاہ حبشہ) کو آپ نے دعوت اسلام کا جو خط بھیجا تھا اس کے جواب میں اس نے عریضہ بھیجا کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ آپ خدا کے سچے پیغمبر ہیں۔ 

جنگ خیبر۔۔۔ جنگ خیبر کا سبب 

جنگ خندق میں جن جن کفار عرب نے مدینہ پر حملہ کیا تھا۔ ان میں خیبر کے یہودی بھی تھے۔ بلکہ در حقیقت وہی اس حملہ کے بانی اور سب سے بڑے محرک تھے۔ چنانچہ ‘‘بنو نضیر’’ کے یہودی جب مدینہ سے جلا وطن کئے گئے تو یہودیوں کے جو رؤسا خیبر چلے گئے تھے۔ ان میں سے حیی بن اخطب اور ابو رافع سلام بن ابی الحقیق نے تو مکہ جا کر کفار قریش کو مدینہ پر حملہ کرنے کے لئے ابھارا۔ اور تمام قبائل کا دورہ کر کے کفار عرب کو جوش دلا کر برانگیختہ کیا۔ اور حملہ آوروں کی مالی امداد کے لئے پانی کی طرح روپیہ بہایا۔ اور خیبر کے تمام یہودیوں کو ساتھ لے کر یہودیوں کے یہ دونوں سردار حملہ کرنے والوں میں شامل رہے۔ حیی بن اخطب تو جنگ قریظہ میں قتل ہو گیا اور ابو رافع سلام بن ابی الحقیق کو سن 6ھ میں حضرت عبداللہ بن عتیک انصاری رضی اللہ تعالٰی عنہ نے اس کے محل میں داخل ہو کر قتل کر دیا۔ لیکن ان سب واقعات کے بعد بھی خیبر کے یہودی بیٹھ نہیں رہے۔ بلکہ اور زیادہ انتقام کی آگ ان کے سینوں میں بھڑکنے لگی۔ چنانچہ یہ لوگ مدینہ پر پھر ایک دوسرا حملہ کرنے کی تیاریاں کرنے لگے اور اس مقصد کے لئے قبیلہ غطفان کو بھی آمادہ کر لیا۔ قبیلہ غطفان عرب کا ایک بہت ہی طاقتور اور جنگجو قبیلہ تھا اور اس کی آبادی خیبر سے بالکل ہی متصل تھی۔ اور خیبر کے یہودی خود بھی عرب کے سب سے بڑے سرمایہ دار ہونے کے ساتھ بہت ہی جنگباز اور تلوار کے دھنی تھے۔ ان دونوں کے گٹھ جوڑ سے ایک بڑی طاقتور فوج تیار ہو گئی۔ اور ان لوگوں نے مدینہ پر حملہ کر کے مسلمانوں کو تہس نہس کر دینے کا پلان بنا لیا۔ 

پس منظر:

محرم 7ھ (مئی 628ء) میں مسلمانوں اور یہودیوں کے درمیان یہ جنگ ہوئی جس میں مسلمان فتح یاب ہوئے۔ خیبر یہودیوں کا مرکز تھا، مدینہ سے تین سو بیس کلو میٹر دور ہے۔ یہ بڑا زر خیز علاقہ ہے۔ اور یہاں عمدہ کھجوریں بکثرت پیدا ہوتی تھیں عرب میں یہودیوں کا سب سے بڑا مرکز یہ خیبر تھا، یہاں کے یہودی عرب میں سب سے زیادہ  مالدار اور جنگجو تھے۔ اور ان کو اپنی مالی اور جنگی طاقتوں پر بڑا ناز اور گھمنڈ بھی تھا، یہ لوگ اسلام اور بانی اسلام کے بد ترین دشمن تھے، یہاں یہودیوں نے بہت سے مضبوط قلعہ بنا رکھے تھے، جن میں سے بعض کے آثار اب تک موجود ہیں، ان میں  سے آٹھ قلعہ بہت مشہور ہیں جن کے نام یہ ہیں : کتیبہ، ناعم، شق، قموص، نطاہ، صعب، وطیخ، سلالم، در حقیقت یہ آٹھوں قلعہ آٹھ محلوں کے مثل تھے، اور انھیں آٹھوں قلعوں کا مجموعہ خیبر کہلاتا تھا۔ 
جب رسول اللہ ﷺ کو خبر ملی کہ خیبر کے یہودی قبیلہ غطفان کو ساتھ لے کر مدینہ پر حملہ کرنے والے ہیں تو ان کی اس چڑھائی کو روکنے کے لیے 1600 صحابہ کرام کا لشکر ساتھ لے کر آپ خیبر روانہ ہوئے، جن میں ۲۰۰ سوار اور باقی پیدل تھے۔ مدینہ پر حضرت سباع بن عرفہا رضی اللہ عنہ کو افسر مقرر فرمایا، اس وقت تک لڑائیوں مں ر علم کا رواج نہ تھا، چھوٹی چھوٹی جھنڈیاں ہوتی تھیں، یہ پہلی مرتبہ تھا کہ آپ نے تین علم تیار کرائے، ایک جھنڈا حضرت حباب بن منذر، کو دیا اور ایک جھنڈے کا علمبردار حضرت سعد بن عبادہ کو بنایا اور خاص علم نبوی حضرت علی کے دست مبارک میں عنایت فرمایا اور ازواج مطہرات میں سے حضرت بی بی ام سلمہ کو ساتھ لیا۔ اور پانچ چھوٹے قلعے فتح کرنے کے بعد قلعہ خیبر کا محاصرہ کر لیا جو دشمن کا سب سے بڑا اور اہم قلعہ تھا۔ یہ قلعہ ایک نسبتاً اونچی پہاڑی پر بنا ہوا تھا اور اس کا دفاع بہت مضبوط تھا۔ 

اسلامی لشکر کا ہیڈ کوارٹر 

حضور کو پہلی ہی سے یہ علم تھا کہ قبیلہ غطفان والے ضرور ہی خیبر والوں کی مدد کو آئیں گے اس لیے آپ نے خیبر اور غطفان کے درمیان مقام ‘‘رجیع’’ میں اپنی فوجوں کا ہیڈ کوارٹر بنایا اور خیموں، بار برداری سامانوں اور عورتوں کو بھی یہیں رکھا تھا، اور یہیں سے نکل نکل کر یہودیوں کے قلعوں پر حملہ کرتے تھے۔ 

جنگ

یہودیوں نے اپنی عورتوں اور بچوں کو ایک محفوظ قلعہ میں پہنچا دیا اور راشن کا ذخیرہ قلعہ ‘‘ناعم’’ میں جمع کر دیا اور فوجوں کو ‘‘نطاہ’’ اور ‘‘قموص’’ کے قلعوں میں اکٹھا کر دیا ان میں سب سے زیادہ مضبوط اور محفوظ قلعہ قموص تھا، اور ‘‘مرحب یہودی’’ جو عرب کے پہلوانوں میں ایک ہزار سوار کے برابر مانا جاتا تھا، اسی قلعہ کا رئیس تھا، سلام بن مشکم یہودی گو بیمار تھا مگر وہ بھی قلعہ نطام میں فوجیں لے کر ڈٹا ہوا تھا، یہودیوں کے پاس تقریباً بیس ہزار فوج تھی جو مختلف قلعوں کی حفاظت کے لیے مورچہ بندی کیے ہوئے تھی۔ 
سب سے پہلے قلعہ ناعم پر معرکہ آرائی ہوئی اور جم کر لڑائی ہوئی حضرت محمود بن مسلمہ نے بڑی بہادری اور جاں بازی کے ساتھ جنگ کی۔ مگر سخت گرمی ا ور لو کے تھپیڑوں کی وجہ سے ان پر پیاس کا غلبہ ہو گیا اور قلعہ ناعم کی دیوار کے نیچے گر گئے، کنانہ بن ابی الحقیق یہودی نے ان کو دیکھ لیا اور چھت سے ایک بہت بڑا پتھر ان کے اوپر گرا دیا، جس سے ان کا سر کچل گیا اور یہ شہید ہو گئے، اس قلعہ کو فتح کرنے میں پچاس مسلمان زخمی ہو گئے لیکن قلعہ فتح ہو گیا۔ یہودی رات کی تاریکی میں ایک سے دوسرے قلعے تک اپنا مال و اسباب اور لوگوں کو منتقل کرتے رہے۔ باقی دو قلعوں میں قلعہ قموص سب سے بنیادی اور بڑا تھا اور ایک پہاڑی پر بنا ہوا تھا۔ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے باری باری حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ، حضرت عمر رضی اللہ عنہ اور حضرت سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ کی قیادت میں فوج اس قلعہ کو فتح کرنے کے لیے بھیجیں مگر مسلمان کامیاب نہ ہو سکے۔ جب مہم میں زیادہ دیر ہوئی تو ایک دن شام کو آنحضرت ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ کل میں اس شخص کو علم (جھنڈا) دوں گا جس کے ہاتھ پر خدا فتح دے گا اور جو خدا اور خدا کے رسول کو چاہتا اور ہے اور خدا اور خدا کا رسول بھی اس کو چاہتے ہیں۔ یہ رات نہایت امید وار اور انتظار کی رات تھی، صحابہ نے تمام رات اس بے قراری میں کاٹی کہ دیکھیے یہ تاج فخر کے کس کے ہاتھ آتا ہے۔ صبح ہوئی تو صحابہ کرام خدمت اقدس میں بڑے اشتیاق کے ساتھ یہ تمنا لے کر حاضر ہوئے کہ یہ اعزاز و شرف ہمیں مل جائے اس لیے کہ جس کو جھنڈا ملے گا اس کیلے تین بشارتیں ہیں (۱) وہ اللہ و رسول کا محب ہے۔ (۲) وہ اللہ و رسول کا محبوب ہے (۳) خیبر اس کے ہاتھ سے فتح ہو گا۔ 
صبح کو اچانک یہ صدا لوگوں کے کان میں آئی کہ علی کہاں ہیں ؟ یہ بالکل غیر متوقع آواز تھی کیوں کہ حضرت علی کی آنکھوں میں آشوب چشم تھا اور سب کو معلوم تھا کہ وہ جنگ سے معذور ہیں، آپ نے قاصد بھیج کر ان کو بلایا، اور ان کی دکھتی ہوئی آنکھوں میں اپنا لعاب دہن لگا دیا، اور دعا فرمائی تو فوراً ہی انھیں ایسی شفاء ہو گئی کہ گویا انھیں کوئی تکلیف تھی ہی نہیں، پھر آنحضرت ﷺ نے اپنے دست مبارک سے اپنا علم نبوی جو حضرت ام المومنین عائشہ صدیقہ کی سیاہ چادر سے تیار کیا گیا تھا حضرت علی کے ہاتھ میں  عطا فرمایا اور ارشاد فرمایا کہ : 
تم بڑے سکون کے ساتھ جاؤ اور ان یہودیوں کو اسلام کی دعوت دو، اور بتاؤ کہ مسلمان ہو جانے کے بعد تم پر فلاں فلاں اللہ کے حقوق واجب ہیں، خدا کی قسم اگر ایک آدمی نے بھی تمھاری بدولت اسلام قبول کر لیا تو یہ دولت تمھارے لیے سرخ اونٹوں سے بھی زیادہ بہتر ہے۔ 
چنانچہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ‘‘قلعہ قموص’’ کے پاس پہنچ کو یہودیوں کو اسلام کی دعوت دی، لیکن انھوں نے ا س دعوت کا جواب اینٹ اور پتھر اور تیر و تلوار سے دیا، اور قلعہ کا رئیس اعظم ‘‘مرحب’’ خود بڑے طنطنہ کے ساتھ نکلا سر پر یمنی زرد رنگ کا ڈھاٹا باندھے ہوئے اور اس کے اوپر خود پہنے ہوئے تھا، مرحب نے بڑے طمطراق کے ساتھ آگے بڑھ کر حضرت علی پر اپنی تلوار سے وار کیا مگر آپ نے ایسا پینترا بدلا کہ مرحب کا وار خالی گیا، پھر آپ نے بڑھ کر اس کے سر پر اس زور کی تلوار ماری کہ ایک ضرب سے خود کٹا، اور ذوالفقار حیدری سر کو کاٹتی ہوئی دانتوں تک اتر آئی اور تلوار کی مار کا تڑاکہ فوج تک پہنچا۔ مرحب زمین پر گر کر ڈھیر ہو گیا۔ 
مرحب کی لاش کو زمین پر تڑپتے ہوئے دیکھ کر اس کی تمام فوج شیر خدا حضرت علی پر ٹوٹ پڑی لیکن ذو الفقار حیدری بجلی کی طرح چمک چمک گرتی تھی جس سے صفیں کی صفیں الٹ گئیں اور یہودیوں کے مایہ ناز بہادر، مرحب، حارث، اسیر، عامر وغیرہ کٹ گئے، جنگ جاری تھی کہ حضرت علی شیر خدا نے کمال شجاعت کے ساتھ لڑے ہوئے خیبر کو فتح کر لیا۔ 
بہر حال خیبر کا قلعہ قموص بیس دن کے محاصرہ اور زبردست معرکہ آرائی کے بعد فتح ہو گیا، ان معرکوں میں ۹۳ یہودی قتل ہوئے اور ۱۵ مسلمان جام شہادت سے سیراب ہوئے۔ 

نتائج:

فتح کے بعد چند روز آنحضرت ﷺ خیبر میں ٹھہرے یہودیوں کو مکمل امن و امان عطا فرمایا، اور قسم قسم کی نوازشوں سے نوازا، مگر اس بد باطن قوم کی فطرت میں اس قدر خباثت بھری ہوئی تھی کہ سلام بن مشکم یہودی کی بیوی ‘‘زینب’’ نے آنحضرت ﷺ کی دعوت کی اور گوشت میں زہر ملا دیا، خدا کے حکم سے گوشت کی بوٹی نے آپ کو زہر کی خبر دی اور آپ نے ایک ہی لقمہ کھا کر ہاتھ کھینچ لیا، لیکن ایک صحابی حضرت بشیر بن براء نے شکم سیر کھا لیا، اور زہر کے اثر سے ان کی شہادت ہو گئی، آپ نے جب یہودیوں سے اس کے بارے میں پوچھا تو ان ظالموں نے اپنے جرم کا اقرار کر لیا اور کہا کہ ہم نے اس نیت سے آپ کو زہر کھلایا کہ اگر آپ سچے نبی ہوں گے تو آپ پر اس زہر کا کوئی اثر نہیں ہو گا، ورنہ ہم کو آپ سے نجات مل جائے گی، آپ نے اپنی ذات کے لیے تو کبھی کسی سے انتقام لیا ہی نہیں، اس لیے آپ نے زینب سے کچھ بھی نہیں فرمایا مگر جب حضرت بشیر بن براء کی اسی زہر سے وفات ہو گئی تو ان کے قصاص میں زینب قتل کر دی گئی۔ 
مسلمانوں کو شاندار فتح کے بعد خیبر کی زمین پر مسلمانوں کا قبضہ ہو گیا، آنحضرت ﷺ نے یہودیوں کو ان کی خواہش پر پہلے کی طرح خیبر میں رہنے کی اجازت دی اور ان کے ساتھ معاہدہ کیا کہ وہ اپنی آمدنی کا نصف بطور جزیہ مسلمانوں کو دیں گے۔ اس جنگ میں بنی نضیر کے سردار حئی بن اخطب کی بیٹی صفیہ بھی قید ہوئیں جن کو آزاد کر کے حضور صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے ان سے نکاح کر لیا۔ اس جنگ کے اٹھارہ ماہ بعد مکہ فتح ہو گیا۔ 

خیبر میں اعلان مسائل

جنگ خیبر کے موقع پر مندرجہ ذیل فقہی مسائل کی آنحضرت ﷺ نے تبلیغ فرمائی : 
۱۔ پنجہ دار پرندوں کو حرام فرمایا۔ 
۲۔ تمام درندہ جانوروں کی حرمت کا اعلان فرما دیا۔ 
۳۔ گدھا اور خچر حرام کر دیا گیا۔ 
۴۔ چاندی سونے کی خرید و فروخت میں کمی بیشی کے ساتھ خریدنے اور بیچنے کو حرام فرمایا، اور حکم دیا کہ چاندی کو چاندی کے بدلے، اور سونے کو سونے کے بدلے برابر برابر  دیناضروری ہے اگر کمی بیشی ہو گی تو وہ سود ہو گا جو حرام ہے۔ 
۵۔ عورتوں سے متعہ کرنا بھی اسی غزوہ میں حرام کر دیا گیا۔ 



وادی القریٰ کی جنگ

خیبر کی لڑائی سے فارغ ہو کر آنحضرت ﷺ وادی القریٰ تشریف لے گئے، جو مقام ‘‘تیماء’’ اور ‘‘فدک’’ کے درمیان ایک وادی کا نام ہے۔ یہاں یہودیوں کی چند بستیاں آباد تھیں۔ آنحضرت ﷺ جنگ کے ارادہ سے یہاں نہیں آئے تھے، مگر یہاں کے یہودی چونکہ جنگ کے لیے تیار تھے اس لیے انھوں نے آنحضرت ﷺ پر تیر برسانا شروع کر دیا، چنانچہ آپ کے ایک غلام جن کا نام حضرت مدعم رضی اللہ عنہ تھا، یہ اونٹ سے کجاوہ اتار رہے تھے کہ ان کو ایک تیر لگا اور یہ شہید ہو گئے، رسول اللہ ﷺ نے ان یہودیوں کو اسلام کی دعوت دی جس کا جواب ان بد بختوں نے تیر و تلوار سے دیا، اور باقاعدہ صف بندی کر کے مسلمانوں سے جنگ کے لیے تیار ہو گئے۔ مجبوراً مسلمانوں نے بھی جنگ شروع کر دی، چار دن تک نبی اکرم ﷺ ان یہودیوں کا محاصرہ کیے ہوئے ان کو اسلام کی دعوت دیتے رہے مگر یہ لوگ برابر لڑتے ہی رہے۔ آخر دس یہودی قتل ہو گئے اور مسلمان کو فتح مبنی ہو گئی، اس کے بعد اہل خیبر کی شرطوں پر ان لوگوں نے بھی صلح کر لی کہ مقامی پیداوار کا آدھا حصہ مدینہ بھیجتے رہیں گے۔ 
جب خیبر اور وادی القریٰ کے یہودیوں کا حال معلوم ہو گیا، تو ‘‘تیماء’’ کے یہودیوں نے بھی جزیہ دے کر آنحضرت ﷺ سے صلح کر لی، وادی القریٰ میں آنحضرت ﷺ چار دن مقیم رہے۔ 

فدک کی صلح

جب ‘‘فدک’’ کی یہودیوں کو خیبر اور وادی القریٰ کے معاملہ کی اطلاع ملی تو ان لوگوں نے کوئی جنگ نہیں کی بلکہ دربار نبوت مں  قاصد بھیج کر یہ درخواست کی کہ خیبر اور وادی القریٰ والوں سے جن شرطوں پر آپ نے صلح کی ہے اسی طرح کے معاملہ پر ہم سے بھی صلح کر لی جائے۔ رسول اللہ ﷺ نے ان کی یہ درخواست منظور فرما لی اور ان سے صلح ہو گئی۔ 

عمرۃ القضاء

 چونکہ صلح حدیبیہ کے صلح نامہ میں ایک دفعہ یہ بھی تھی کہ آئندہ سال آنحضرت ﷺ مکہ آ کر عمرہ ادا کریں گے اور تین دن مکہ میں ٹھہریں گے، اس دفعہ کے مطابق ماہ ذو القعدہ   ۷ ہجری میں آپ نے عمرہ ادا کرنے کے لیے مکہ روانہ ہونے کا  عزم فرمایا اور اعلان کرا دیا کہ جو لوگ گزشتہ سال حدیبیہ میں شریک تھے وہ سب میرے سال چلیں، چنانچہ بجز ان لوگوں کے جو جنگ خیبر میں شہید یا وفات پا چکے تھے سب نے یہ سعادت حاصل کی۔ 
آنحضرت ﷺ کو چونکہ کفار مکہ پر بھروسہ نہیں تھا کہ وہ اپنے عہد کو پورا کریں گے اس لیے آپ جنگ کی پوری تیاری کے ساتھ روانہ ہوئے۔ بوقت روانگی حضرت ابو رہم غفاری رضی اللہ عنہ کو آپ نے مدینہ پر حاکم بنا دیا، اور دو ہزار مسلمانوں کے ساتھ جن میں ایک سو گھوڑوں پر سوار تھے، آپ مکہ کے لیے روانہ ہوئے۔ ساٹھ اونٹ قربانی کے لیے ساتھ تھے جب کفار مکہ کو خبر لگی کہ آنحضرت ﷺ ہتھیاروں اور سامان جنگ کے ساتھ مکہ آرہے ہیں تو وہ بہت گھبرائے اور انھوں نے چند آدمیوں کو صورت حال کی تحقیقات کے لیے ‘‘مر الظہران’’ تک بھیجا، حضرت محمد بن مسلمہ رضی اللہ عنہ جو اسپ سواروں کے افسر تھے قریش کے قاصدوں نے ان سے ملاقات کی، انھوں اطمینان دلایا کہ نبی ﷺ صلح نامہ کی شرط کے مطابق بغیر ہتھیار کے مکہ میں داخل ہوں گے یہ سن کر کفار قریش مطمئن ہو گئے۔ 
چنانچہ آنحضرت ﷺ جب مقام ‘‘یاجج’’ میں پہنچے جو مکہ سے آٹھ میل دور ہے تو تمام ہتھیاروں کو اس جگہ رکھ دیا اور حضرت بشیر بن سعد رضی اللہ عنہ کی ماتحتی میں چند صحابہ کو ان ہتھیاروں کی حفاظت کے لیے متعین فرما دیا، اور اپنے ساتھ ایک تلوار کے سوا کوئی ہتھیار نہیں رکھا اور صحابہ کرام کے مجمع کے ساتھ ‘‘لبیک’’ پڑھتے ہوئے حرم کی طرف بڑھے۔ 
اہل مکہ نے اگرچہ چار ناچار عمرہ کی اجازت دے دی تھی تاہم ان کی آنکھیں اس منظر کے دیکھنے کی تاب نہیں لا سکتی تھی، روسائے قریش نے عموماً شہر خالی کر دیا اور پہاڑوں پر چلے گئے، تین دن کے بعد حضرت علی کے پاس آئے اور کہا محمد سے کہہ دو کہ شرط پوری ہو چکی اب مکہ سے نکل جائیں، حضرت علی نے آنحضرت ﷺ سے عرض کیا آپ اسی وقت مکہ سے روانہ ہو گئے۔ 

جنگ موتہ

یہ جنگ جمادی الاول 8ھ (ستمبر 629ء) میں جنوب مغربی اردن میں موتہ کے مقام پر ہوئی جو دریائے اردن اور اردن کے شہر کرک کے درمیان ہے۔ اس میں حضور صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم شریک نہیں تھے اس لیے اسے غزوہ نہیں کہتے بلکہ جنگ یا سریہ یا معرکہ کہتے ہیں۔ 

سبب
جنگ موتہ کے وقوع کا سبب یہ ہے کہ رسول اعظم صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم نے بصریٰ کے حاکم کو اسلام کی دعوت کا مکتوب گرامی (خط) لکھا تھا۔ یہاں جس مقام بصریٰ کا ذکر ہو رہا ہے وہ ملک شام کا شہر ہے۔ حالانکہ ایک بصرہ نام کا شہر ملک عراق میں بھی ہے، جو دنیا کی مشہور و معروف بندرگاہ بھی ہے۔ حضور اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم نے حضرت حارث بن عُمیر  ازدی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو خط دے کر بحیثیت قاصد بصریٰ کی جانب روانہ فرمایا۔ مدینہ منورہ سے بصریٰ جانے والے راستے میں ''موتہ'' نام کا گاؤں آیا۔ حضرت حارث جب موتہ پہنچے تو وہاں کا حاکم شرحبیل بن عمر غسّانی نے انھیں دیکھ لیا اور اجنبی چہرہ دیکھ کر سمجھا کہ کوئی جاسوس میرے علاقے میں آیا ہے اس کی تحقیق کرنے کے لئے ان کو روکا اور پوچھا کہ تم کون ہو؟ کہاں سے آئے ہو؟ اور کہاں جا رہے ہو؟ حضرت حارث رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جواب دیا کہ میں مدینہ سے آیا ہوں، قاصد ہوں اور پیغمبر اسلام صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم کا خط لے کر بصریٰ کے حاکم کے پاس جا رہا ہوں۔ شرحبیل غسانی ہرقل بادشاہ کے معزز امراء میں سے تھا اور اسلام کا کٹر دشمن تھا۔ شرحبیل نے حضرت حارث ازدی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو بلا کسی قصور کے، قاصدہونے کے باوجود رسیوں سے باندھ کر انھیں شہید کرڈالا۔ حالانکہ بین الاقوامی قانون کے مطابق اس زمانہ میں بھی کسی قاصد کو قتل کرنا سخت ممنوع اور جرم تھا۔ اور دنیا کے ہر بادشاہ پر قاصدوں کی امان واجبی امرتھا۔ جیسا کہ منقول ہے کہ ایک مرتبہ نبوت کے جھوٹے دعویدار مسیلمۃ الکذاب کا ایلچی بارگاہ رسالت میں آیا، کفری کلمات بکے اور حضور کی سخت گستاخیاں کیں لیکن ایلچی ہونے کی وجہ سے اسے بلا کسی تعزیر کے جانے دیا گیا۔ 
حضرت حارث بن عمیر ازدی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادت کی خبر مدینہ منورہ پہنچی۔ مسلمانوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی یہاں تک کہ آنحضرت صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم کے قلب مبارک کو انتہائی رنج و صدمہ پہنچا۔ موتہ کے حاکم شرحبیل نے قتل قاصد کا سنگین جرم کر کے اپنی بربریت کا ثبوت دیا تھا،ساتھ ساتھ مسلمانوں کی غیرت و تحمل کو للکار کر سرکشی کا مظاہرہ کیا تھا لہذا آنحضرت صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم نے ایسے ظالم و جابر فرماں روا کی سرکوبی کے لئے موتہ پر لشکر کشی کی اور جرم و جفا، جبر و استبداد کا قلعہ قمع کر کے وہاں امن و آشتی کی فضا پیدا کرنے کے لئے تین ہزار مسلمانوں کا لشکر تیار فرمایا اور اپنے دست مبارک سے سفید رنگ کا جھنڈا باندھ کر حضرت زید بن حارثہ کے ہاتھ میں دی اور ان کو اس فوج کا سپہ سالار بنایا اور ارشاد فرمایا کہ اگر زید بن حارثہ شہید ہو جائیں تو حضرت جعفر سپہ سالار ہو جائیں اور جب وہ بھی شہادت سے سرفراز ہو جائیں تو اس جھنڈے کے علمبردار حضرت عبد اللہ بن رواحہ ہوں گے ان کے بعد لشکر اسلام جس کو منتخب کرے وہ سپہ سالار ہو گا۔ 
اس لشکر کو رخصت کرنے کے لیے خود آنحضرت ﷺ مقام ‘‘ثنیۃ الوداع ’’تک تشریف لے گئے اور لشکر کے سپہ سالار کو حکم فرمایا کہ تم ہمارے قاصد حضرت حارث بن عمیر کی شہادت گاہ میں جاؤ جہاں اس جاں نثار نے ادائے فرض میں اپنی جان دی ہے۔ پہلے وہاں کے کفار کو اسلام کی دعوت دو اگر وہ لوگ اسلام قبول کر لیں تو پھر وہ تمھارے اسلامی بھائی ہیں ورنہ تم اللہ کی مدد طلب کرتے ہوئے ان سے جنگ کرو جب لشکر اسلام چل پڑا تو مسلمانوں نے بلند آواز سے یہ دعا دی کہ خدا سلامت اور کامیاب واپس لائے۔ 
جب یہ فوج مدینہ سے کچھ دور آگے نکل گئی تو خبر ملی کہ خود قیصر روم مشرکین کی ایک لاکھ فوج لے کر بلقاء کی سرزمین پر خیمہ زن ہو گیا ہے، یہ خبر پا کر امیر لشکر حضرت زید بن حارثہ نے اپنے لشکر کو پڑاؤ کا حکم دے دیا اور ارادہ کیا کہ بارگاہ رسالت میں اس کی اطلاع دی جائے اور حکم کا انتظار کیا جائے مگر حضرت عبد اللہ بن رواحہ نے فرمایا ہمارا مقصد فتح یا مال غنیمت نہیں بلکہ ہمارا مطلوب تو شہادت ہے۔ 
غرض یہ مجاہدین اسلام موتہ کی سرزمین میں داخل ہو گئے، اور وہاں پہنچ کر دیکھا کہ واقعی ایک بہت بڑا لشکر ریشمی زرق  برق وردیاں پہنے ہوئے بے پناہ تیاریوں کے ساتھ جنگ کے لیے کھڑا ہے۔ ایک لاکھ سے زائد لشکر کا بھلا تین ہزار سے مقابلہ ہی کیا؟ مگر مسلمان خدا کے بھروسہ پر مقابلہ کے لیے ڈٹ گئے۔ 
جنگ شروع ہوئی تو حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ نے شجاعت کے ساتھ جنگ کی۔ رومی افواج تجربہ کار تھیں۔ انہوں نے حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ کو نیزوں کی مدد سے زمین پر گرا کر شہید کر دیا تو حضرت جعفر طیار رضی اللہ عنہ نے علم سنبھال کر اسلامی افواج کی قیادت کی مگر جب وہ گھیرے میں آ  گئے اور محسوس کر لیا کہ اب شہادت قسمت میں لکھی ہے تو اپنا گھوڑا فارغ کر دیا اور پیدل نہایت خونریز جنگ کی اور 80 زخم کھائے۔ اس دوران ان کے دونوں ہاتھ کٹ گئے اور وہ شہید ہو گئے۔ ان کے بعد حضرت عبداللہ بن رواحہ رضی اللہ عنہ نے علم سنبھالا اور رومی افواج کے مرکز میں زبردست حملہ کیا۔ شدید لڑائی میں وہ بھی شہید ہو گئے۔ جب یہ تینوں نامزد قائد شہید ہو گئے تو اسلامی فوج نے حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ کو اپنا امیر چنا۔ حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ حال ہی میں اسلام لائے تھے اور اعلیٰ درجہ کے سپاہی اور جنگجو تھے۔ وہ اس قدر شجاعت اور بہادری کے ساتھ لڑے کہ نو تلواریں ٹوٹ ٹوٹ کر ان کے ہاتھ سے گر پڑیں، اور اپنی جنگی مہارت اور کمال ہنر مندی سے اسلامی فوج کو دشمنوں کے نرغہ سے نکال لائے۔ 
اس جنگ میں جو بارہ معزز صحابہ کرام شہید ہوئے ان کے مقدس نام یہ ہیں : (۱) حضرت زید بن حارثہ (۲) حضرت جعفر بن ابی طالب (۳) حضرت عبد اللہ بن رواحہ (۴) حضرت مسعود بن اوس (۵) حضرت وہب بن سعد (۶) حضرت عباد بن قیس (۷) حضرت حارث بن نعمان (۸) حضرت سراقہ بن عمر (۹) حضرت ابو کلیب بن عمر (۱۰) حضرت جابر بن عمر (۱۱) حضرت عمر بن سعد (۱۲) ہوبجہ ضبی (رضی اللہ تعالیٰ عنہم) 

نتائج 

اسلامی لشکر نے بہت سے کفار کو قتل کیا، اور کچھ مال غنیمت بھی حاصل کیا اور سلامتی کے ساتھ مدینہ واپس آ  گئے۔ اگرچہ اس جنگ میں کسی کی فتح یا شکست نہیں کہا جا سکتا۔ مگر نتائج مسلمانوں کے حق میں نکلے۔ اول تو لوگوں نے پہلی دفعہ دیکھا کہ رومیوں کے اتنے بڑے لشکر کو کسی نے للکارا ہو اور بچ کر نکل گیا ہو۔ لوگوں کے ذہن سے رومیوں کی دہشت کسی قدر کم ہو گئی۔ دوم یہ کہ بلاد شام و اردن کے لوگوں کو مسلمانوں اور ان کی زبردست طاقت کا تعارف ہو گیا کیونکہ یہ پہلی اسلامی فوج تھی جو مدینہ سے اس قدر باہر جا کر لڑی۔ اس علاقے کے لوگوں کے لیے مسلمانوں کا جذبہ شہادت ایک بالکل نئی چیز تھی۔ ایک اور فائدہ یہ ہوا کہ مشرکینِ مکہ نے مسلمانوں کو کمزور سمجھنا شروع کر کے ایسے اقدام کیے جو صلح حدیبیہ کے خلاف تھے۔ اس سے صلح حدیبیہ مشرکین کی طرف سے ٹوٹ گیا اور مسلمانوں نے اس کے بعد مکہ کو فتح کر لیا۔ 

فتح مکہ

صلح نامہ حدیبیہ دراصل فتح مکہ کا مقدمہ ثابت ہوا، اس صلح نامہ میں ایک شرط یہ بھی تھی دس سال تک فریقین کے درمیان جنگ نہ ہو گی اور عرب قبائل جس فریق کے ساتھ چاہیں گے مل سکیں گے۔ دو قبائل جو باہم دشمن تھے ان میں سے بنو بکر قریش مکہ کے ساتھ مل گئے اور بنوخزاعہ مسلمانوں کے حلیف بن گئے۔ 
ایک مدت سے تو کفار قریش اور دوسرے قبائل عرب کے کفار مسلمانوں سے جنگ کرنے میں اپنا سارا زور صرف کر رہے تھے، لیکن صلح حدیبیہ کی بدولت جب مسلمانوں کی جنگ سے کفار قریش اور دوسرے قبائل کفار کو اطمینان ملا تو قبیلہ بنی بنکر نے قبیلہ بنی خزاعہ سے اپنی پرانی  عدوات کا انتقام لینا چاہا اور اپنے حلیف کفار قریش سے مل کر بالکل اچانک طور پر قبیلہ بنی خزاعہ پر حملہ کر دیا، اور اس حملہ میں کفار قریش کے تمام رؤسا یعنی عکرمہ بن ابی جہل و صفوان ابن امیہ و سہیل بن عمرو وغیرہ بڑے بڑے سرداروں نے علانیہ بنی خزاعہ کو قتل کیا۔ بے چارے بنی خزاعہ اس خوفناک ظالمانہ حملہ کی تاب نہ لا سکے، اور اپنی جان بچانے کے لیے حرم کعبہ میں پناہ لینے کے لیے بھاگے، بنی بکر کے عوام نے تو حرام میں تلوار چلانے سے ہاتھ روک لیا اور حرام الہی کا احترام کیا لیکن بنی بکر کا سردار ‘‘نوفل’’ اس قدر جوش انتقام میں آپے سے باہر ہو چکا تھا کہ وہ حرم میں بھی بنی خزاعہ کو نہایت بے دردی کے ساتھ قتل کرتا رہا، اور چلا چلا کر اپنی قوم کو للکارتا رہا کہ پھر یہ موقع کبھی ہاتھ نہیں آ سکتا چنانچہ ان درندہ صفت خوانخوار انسانوں نے حرام الہی کے احترام کو بھی خاک میں ملا دیا اور حرم کعبہ کے حدود میں نہایت ہی ظالمانہ طور پر بنی خزاعہ کا خون بہایا، اور کفار قریش نے بھی اس قتل و غارت اور کشت و خون میں خوب خوب حصہ لیا۔ 
ظاہر ہے کہ قریش نے اپنی اس حرکت سے حدیبیہ کے معاہدہ کو عملی طور پر توڑ ڈالا، کیوں کہ بنی خزاعہ رسول اللہ ﷺ سے معاہدہ کر کے آپ کے حلیف بن چکے تھے، اس لیے بنی خزاعہ پر حملہ کرنا یہ رسول ا للہ ﷺ پر حملہ کرنے کے برابر تھا، اس حملہ میں بنی خزاعہ کے ۲۳تئیس آدمی قتل ہو گئے۔ 
اس حادثہ کے بعد قبیلہ بنی خزاعہ کے سردار عمرو بن سالم خزاعی چالیس آدمیوں کا وفد لے کر فریاد کرنے اور امداد طلب کرنے کے لیے مدینہ بارگاہ رسالت میں پہنچے، آنحضرت ﷺ نے ان کی ساری شکایت سننے کے بعد تسلی دی اور فرمایا کہ مت گھبراؤ میں تمھاری امداد کے لیے تیار ہوں۔ اور یہی فتح مکہ کی تمہید ہوئی۔ 
اس کے بعد حضور اقدس ﷺ نے قریش کے پاس قاصد بھیجا اور تین شرطیں پیش فرمائیں کہ ان میں سے کوئی ایک شرط قریش منظور کر لیں۔ 
۱۔ بنی خزاعہ کے مقتولوں کا خون بہا دیا جائے۔ 
۲۔ قریش قبیلہ بنی بکر کی حمایت سے الگ ہو جائیں۔ 
۳۔ اعلان کر دیا جائے کہ حدیبیہ کا معاہدہ ٹوٹ گیا۔ 
جب آنحضرت ﷺ کے قاصد نے ان شرطوں کو قریش کے سامنے رکھا تو قرط بن عبد عمرو نے قریش کا نمائندہ بن کر جواب دیا کہ نہ ہم مقتولوں کے خون کا معاوضہ دیں گے، نہ اپنے حلیف قبیلہ بن بکر کی حمایت چھوڑیں گے، ہاں تیسری شرط ہمیں منظور ہے۔ اور ہم اعلان کرتے ہیں کہ حدیبیہ کا معاہدہ ٹوٹ گیا۔ لیکن قاصد کے چلے جانے کے بعد قریش کو اپنے اس جواب پر ندامت ہوئی، چنانچہ چند رؤسائے قریش ابوسفیان کے پاس گئے اور یہ کہا کہ اگر یہ معاملہ نہ سلجھا تو پھر سمجھ لو کہ یقیناً محمد (ﷺ ) ہم پر حملہ کر دیں گے، لہذا  انھوں نے ابو سفیان کو سفیر بنا کر مدینہ بھیجا کہ حدیبیہ کے معاہدہ کی تجدید کرا لائیں، ابو سفیان نے مدینہ آ کر آنحضرت ﷺ کی خدمت میں درخواست کی، بارگاہ رسالت سے کچھ جواب  نہ ملا،پھر ابو سفیان حضرت ابو بکر صدیق و عمر و حضرت علی رضی اللہ عنہم کے پاس گیا، ان سب حضرات نے جواب دیا کہ ہم کچھ نہیں کر سکتے، حضرت علی کے پاس جب ابو سفیان پہنچا تو وہاں حضرت بی بی فاطمہ اور حضرت امام حسن بھی تھے، ابو سفیان نے بڑی لجاجت سے کہا کہ اے علی تم قوم میں بہت ہی رحم دل ہو ہم ایک مقصد لے کر یہاں آئے ہیں، کیا ہم یوں ہی ناکام چلے جائیں، ہم صرف یہی چاہتے ہیں کہ تم محمد(ﷺ ) سے ہماری سفارش کر دو، حضرت علی نے فرمایا کہ اے ابو سفیان ہم لوگوں کی یہ مجال نہیں کہ ہم رسول اللہ ﷺ کے ارادہ اور ان کی مرضی میں کوئی مداخلت کر سکیں، ہر طرف سے مایوس ہو کر بو سفیان نے حضرت فاطمہ زہرا رضی اللہ عنہا سے کہا اے فاطمہ یہ تمھارا پانچ برس کا بچہ (امام حسن) ایک مرتبہ اپنی زبان سے اتنا کہہ دے کہ میں نے دونوں فریق میں صلح کرا دی تو آج سے یہ بچہ عرب کا سردار پکارا جائے گا، حضرت بی بی فاطمہ نے جواب دیا کہ بچوں کو ان معاملات میں کیا دخل؟ بالآخر ابو سفیان نے کہا کہ اے علی معاملہ بہت کٹھن نظر آتا ہے کوئی تدبیر بتاؤ، حضرت علی نے فرمایا کہ میں اس سلسلے میں تم کو کوئی مفید رائے تو دے نہیں سکتا تم بنی کنانہ کے سردار ہو تم خود ہی لوگوں کے سامنے اعلان کر دو کہ میں نے حدیبیہ کے معاہدہ کی تجدید کر دی، ابو سفیان نے کہا کہ میرا اعلان کچھ مفید ہو سکتا ہے ؟ حضرت علی نے فرمایا کہ یک طرفہ اعلان ظاہر ہے کہ کچھ مفید نہیں ہو سکتا، مگر اب تمھارے پاس اس کے سوا اور چارۂ کار ہی کیا ہے ؟ ابو سفیان وہاں سے مسجد نبوی میں آیا اور بلند آواز سے مسجد میں اعلان کر دیا کہ میں نے معاہدہ حدیبیہ کی تجدید کر دی مگر مسلمانوں میں سے کسی نے بھی کوئی جواب نہیں دیا۔ 
ابو سفیان یہ اعلان کر کے مکہ روانہ ہو گیا، جب مکہ پہنچا تو قریش نے پوچھا کہ مدینہ میں کیا ہوا ؟ ابو سفیان نے ساری داستان بیان کر دی، تو قریش نے سوال کیا کہ جب تم نے اپنی طرف سے معاہدہ حدیبیہ کی تجدید کا اعلان کیا تو کیا محمد (ﷺ ) نے اس کو قبول کیا؟ابو سفیان نے کہا کہ نہیں یہ سن کر قریش نے کہا کہ یہ تو کچھ بھی نہ ہوا نہ تو صلح  ہے کہ ہم اطمینان سے بیٹھیں، نہ یہ جنگ ہے کہ لڑائی کا سامان کیا جائے۔ 
اس کے بعد آنحضرت ﷺ نے لوگوں کو جنگ کی تیاری کا حکم دے دیا اور ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے بھی فرما دیا کہ جنگ کے ہتھیار درست کریں اور اپنے حلیف قبائل کو بھی جنگی تیاریوں کے لیے حکم نامہ بھیج دیا، مگر کسی کو آنحضرت ﷺ نے یہ نہیں بتایا کہ کس سے جنگ کا ارادہ ہے ؟ یہاں تک کہ حضرت ابو بکر صدیق سے بھی آپ نے کچھ نہیں فرمایا، چنانچہ حضرت ابو بکر ام المومنین حضرت عائشہ کے پاس آئے اور دیکھا کہ وہ جنگی ہتھیاروں کو نکال رہی ہیں تو آپ نے دریافت کیا کہ حضور ﷺ نے حکم دیا ہے ؟ عرض کیا کہ جی ہاں پھر آپ نے پوچھا کہ کیا تمھیں کچھ معلوم ہے کہ کہاں کا ارادہ ہے ؟ حضرت عائشہ نے کہا کہ واللہ مجھے یہ معلوم نہیں۔ 
غرض انتہائی خاموشی اور راز داری کے ساتھ حضور اقدس ﷺ نے جنگ کی تیاری فرمائی اور مقصد یہ تھا کہ اہل مکہ کو خبر نہ ہونے پائے اور اچانک ان پر حملہ کر دیا جائے۔ 
اسی اثناء حضرت حاطب بن ابی بلتعہ رضی اللہ عنہ جو ایک معزز صحابی تھے، انھوں نے قریش کو ایک خط اس مضمون کا لکھ دیا کہ رسول اللہ ﷺ جنگ کی تیاریاں کر رہے ہیں لہذا تم لوگ ہوشیار ہو جاؤ، اس خط کو انھوں نے ایک عورت کے ذریعہ مکہ بھیجا، اللہ تعالیٰ نے نبی اکرم ﷺ کو بذریعہ وحی اطلاع فرما دی، چنانچہ آپ ﷺ نے حضرت علی و حضرت زبیر اور حضرت مقداد رضی اللہ عنہم کو فوراً ً ہی روانہ فرمایا کہ تم لوگ ‘‘روضہ خاخ’’ میں چلے جاؤ، وہاں ایک عورت ہے، اور اس کے پاس ایک خط ہے۔ اس سے وہ خط چھین کر میرے پاس لاؤ، چنانچہ یہ تینوں اصحاب کبار تیز رفتار گھوروں پر سوار ہو کر ‘‘روضہ خاخ’’ میں پہنچے، اور اس عورت کو پا لیا، جب اس سے خط طلب کیا تو اس نے کہا کہ میرے پاس کوئی خط نہیں ہے۔ حضرت علی نے فرمایا کہ خدا کی قسم رسول اللہ ﷺ کبھی کوئی جھوٹی بات نہیں کہہ سکتے، نہ ہم لوگ جھوٹے ہیں۔ لہذا تو خط نکال کر ہمیں دے دے ورنہ ہم تیری تلاشی لیں گے جب عورت مجبور ہو گئی تو اس نے اپنے بالوں کے جوڑے میں سے وہ خط نکال کر دے دیا، جب یہ لوگ خط لے کر بارگاہ رسالت میں پہنچے تو آپ ﷺ نے حضرت حاطب بن ابی بلتعہ رضی اللہ عنہ کو بلایا اور فرمایا کہ اے حاطب یہ تم نے کیا کیا؟ انھوں نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ (ﷺ ) آپ میرے بارے میں جلدی نہ فرمائیں، نہ میں نے اپنا دین بدلا ہے نہ مرتد ہوا ہوں میرے خط لکھنے کی وجہ صرف یہ ہے کہ مکہ میں میرے بیوی بچے ہیں مگر مکہ میں میرا کوئی رشتہ دار نہیں جو میرے بیوی بچوں کی خبر گیری و نگہداشت کرے، میرے سوا دوسرے تمام مہاجرین کے عزیز و اقارب مکہ میں موجود ہیں جو ان کے اہل و عیال کی دیکھ بھال کرتے رہتے ہیں اس لیے میں نے یہ خط لکھ کر قریش پر ایک اپنا احسان رکھ دیا تاکہ میں ان کی ہمدردی حاصل کر لوں اور وہ میرے اہل و عیال کے ساتھ کوئی برا سلوک نہ کریں۔ یا رسول اللہ (ﷺ ) میرا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ ضرور ان کافروں کو شکست دے گا اور میرے اس خط سے کفار کو ہرگز ہرگز کوئی فائدہ حاصل نہیں ہو سکتا، حضور ﷺ نے حضرت حاطب رضی اللہ عنہ کے اس بیان کو سن کر ان کے عذر کو قبول فرمالیا مگر حضرت عمر اس خط کو دیکھ کر اس قدر طیش میں آ  گئے کہ آپے سے باہر ہو گئے اور، دوسرے صحابہ کرام بھی غیظ و غضب میں بھر گئے تھے لیکن رحمت عالم ﷺ نے حاطب بن ابی بلتعہ کو معاف فرما دیا۔ 
غرض ۱۰ رمضان ۸ ہجری کو رسول اللہ ﷺ مدینہ سے دس ہزار کا لشکر پر انوار ساتھ لے کر مکہ کی طرف روانہ ہوئے، بعض روایتوں میں ہے کہ فتح مکہ میں آپ کے ساتھ بارہ ہزار کا لشکر تھا، ان دونوں رایتوں میں کوئی تعارض نہیں، ہو سکتا ہے کہ مدینہ سے روانگی کے وقت دس ہزار کا لشکر  رہا ہو، پھر راستہ میں بعض قبائل اس لشکر میں شامل ہو گئے ہوں تو مکہ پہنچ کر اس لشکر کی تعداد بارہ ہزار ہو گئی ہو۔ 
مکہ سے ایک منزل کے فاصلہ پر ‘‘مر الظہران’’ میں پہنچ کر اسلامی لشکر نے پڑاؤ ڈالا، آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے تاکید کی کہ لشکر کو بکھیر دیا جائے اور ہر مجاہد اپنا الگ الگ چولہا جلائے دس ہزار مجاہدین نے جو الگ الگ چولہے جلائے تو ‘‘مہر الظہران’’ کے پورے میدان میں میلوں تک آگ ہی آگ نظر آنے لگے، تاکہ قریشِ مکہ یہ سمجھیں کہ لشکر بہت بڑا ہے اور بری طرح ڈر جائیں اور اس طرح شاید بغیر خونریزی کے مکہ فتح ہو جائے، اور یہ تدبیر کارگر رہی۔ 
گو قریش کو معلوم ہو چکا تھا کہ مدینہ سے فوجیں آ رہی ہیں مگر صورت حال کی تحقیق کے لیے قریش نے ابو سفیان بن حرب، حکیم بن حزام اور بدیل بن ورقا کو اپنا جاسوس بنا کر بھیجا، حضرت عباس رضی اللہ بے حد فکر مند ہو کر قریش کے انجام پر افسوس کر رہے تھے، وہ یہ سوچتے تھے کہ اگر رسول اللہ ﷺ اتنے عظیم لشکر کے ساتھ مکہ میں فاتحانہ داخل ہوئے تو آج قریش کا خاتمہ ہو جائے گا چنانچہ وہ رات کے وقت رسول اللہ ﷺ کے سفید خچر پر سوار ہو کر اس ارادہ سے مکہ چلے کہ قریش کو اس خطرہ سے آگاہ کر کے انھیں آمادہ کریں کہ چل کر حضور ﷺ سے معافی مانگ کر صلح کر لو ورنہ تمھاری خیر نہیں۔ 
اگرچہ قریش کو یہ خبر مل گئی تھی کہ رسول اللہ ﷺ مدینہ سے روانہ ہو گئے مگر انھیں یہ پتہ نہ تھا کہ آپ کا لشکر ‘‘مر الظہران’’ تک آ گیا ہے، اس لیے ابو سفیان بن حرب اور حکیم بن حزام و بدیل بن ورقاء اس تلاش و جستجو میں نکلے تھے کہ رسول اللہ ﷺ کا لشکر کہاں ہے ؟ جب یہ تینوں مر الظہران کے قریب پہنچے تو دیکھا کہ میلوں تک آگ ہی آگ جل رہی ہے یہ منظر دیکھ کر یہ تینوں حیران رہ گئے، اور ابو سفیان بن حرب نے کہا کہ میں نے تو زندگی میں کبھی اتنی دور تک پھیلی ہوئی آگ اس میدان میں جلتے ہوئے نہیں دیکھی، آخر یہ کون سا قبیلہ ہے ؟ بدیل بن ورقاء نے کہا کہ بنی خزاعہ معلوم ہوتے ہیں ابو سفیان نے کہا کہ نہیں بن خزاعہ اتنی کثیر تعداد میں کہاں ہیں جو ان کی آگ سے مہر الظہران کا پورا میدان بھر جائے۔ 
بہر حال حضرت عباس کی ان تینوں سے ملاقات ہو گئی اور ابو سفیان نے پوچھا کہ اے عباس تم کہاں سے آرہے ہو؟ اور یہ آگ کیسی ہے ؟ آپ نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ کے لشکر کی آگ ہے۔ حضرت عباس نے ابو سفیان بن حرب سے کہا تم میرے خچر پر پیچھے سوار ہو جاؤ ورنہ اگر مسلمانوں نے تمھیں دیکھ لیا تو ابھی تم کو قتل کر ڈالیں گے۔ جب یہ لوگ لشکر گاہ میں پہنچے تو حضرت عمر اور دوسرے چند مسلمان جو لشکر گاہ کا پہرہ دے رہے تھے ابو سفیان کو دیکھ لیا حضرت عمر رضی اللہ عنہ اپنے جذبہ انتقام کو ضبط نہ کر سکے، اور ابو سفیان کو دیکھتے ہی ان کی زبان سے نکلا کہ ارے یہ تو دشمن خدا ابو سفیان ہے۔ دوڑتے ہوئے بارگاہ رسالت میں پہنچے اور عرض کیا یا رسول اللہ ابو سفیان ہاتھ آگیا ہے۔ اگر اجازت ہو تو ابھی اس کا سر اڑا دوں، اتنے میں حضرت عباس رضی اللہ عنہ بھی ان تینوں مشرکوں کو ساتھ لیے ہوئے نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہوئے اور ان لوگوں کی جاں بخشی کی سفارش پیش کر دی اور یہ کہا کہ یا رسول اللہ میں نے ان سبھوں کو امان دے دی ہے۔ 
ابو سفیان کے تمام پچھلے کارنامے اب سب کے سامنے تھے، اور ایک ایک چیز اس کے قتل کی دعوے دار تھی، اسلام کی عداوت، مدینہ پر بار بار حملہ، قبائل عرب کا اشتعال، آنحضرت ﷺ کے خفیہ قتل کرانے کی سازش ان میں سے ہر چیز اس کے خون کی قیمت ہو سکتی تھی، لیکن ان سب سے بالاتر ایک اور چیز عفو نبوی تھی۔ اس نے ابو سفیان کے کان میں آہستہ سے کہا کہ خوف کا مقام نہیں۔ 
حضور صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے ابو سفیان سے فرمایا : کیوں ابو سفیان کیا اب بھی تم کو یقین نہیں آیا کہ خدا کے سوا اور کوئی معبود نہیں ؟ ابوسفیان نے کہا کہ اگر خدائے واحد کے علاوہ کوئی خدا ہوتا تو آج ہماری ضرور مدد کرتا۔ یہ دیکھ کر کہ اس نے ایک خدا کو تسلیم کیا ہے، حضور صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے پوچھا کہ کیا اس کا وقت نہیں آیا کہ تم یقین کر لو کہ میں خدا کا پیغمبر ہوں ؟' اس پر ابوسفیان نے کہا کہ 'مجھے آپ کی رسالت میں تردد ہے ' اس پر ان کو پناہ دینے والے عباس بن عبدالمطلب سخت ناراض ہوئے اور کہا کہ اے ابوسفیان اگر تو اسلام نہ لایا تو تمہاری جان کی کوئی ضمانت نہیں۔ اس پر ابوسفیان نے اسلام قبول کر لیا۔ بہر حال ابو سفیان نے اسلام قبول کر کے اپنے اسلام کا اظہار کیا، اس وقت گو کہ ان کا ایمان متزلزل تھا مگر بعد میں وہ سچے مسلمان بن گئے، چنانچہ غزوۂ طائف میں ان کی ایک آنکھ زخمی ہوئی اور پھر جنگ یرموک میں شریک ہوئے۔ 
مجاہدین اسلام کا لشکر جب مکہ کی طرف بڑھا تو آنحضرت ﷺ نے حضرت عباس رضی اللہ عنہ سے فرمایا کہ آپ ابو سفیان کو کسی ایسے مقام پر کھڑا کر دیں کہ یہ افواج الہی کا جلال اپنی آنکھوں سے دیکھ لے۔ چنانچہ جہاں راستہ کچھ تنگ تھا، ایک بلند جگہ پر حضرت عباس نے ابو سفیان کو کھڑا کر دیا، تھوڑی دیر کے بعد اسلامی لشکر سمندر کی موجوں کی طرح امنڈتا ہوا روانہ ہوا اور قبائل عرب کی فوجیں ہتھیار سج سج کر یکے بعد دیگرے ابو سفیان کے سامنے سے گزرنے لگیں، سب سے پہلے قبیلہ غفار کا با وقار پرچم نظر آیا، ابو سفیان نے سہم کر پوچھا کہ یہ کون لوگ ہیں ؟ حضرت عباس نے کہا یہ قبیلہ غفار کے شہسوار ہیں، پھر جہینہ، پھر سعد بن ہذیم، پھر سلیم کے قبائل کی فوجیں زرق برق ہتھیاروں میں ڈوبے ہوئے پرچم لہراتے اور تکبیر کے نعرے مارتے ہوئے سامنے سے نکل گئے، ابو سفیان ہر فوج کا جلال دیکھ کر مرعوب ہو جاتے تھے، اور عباس رضی اللہ عنہ سے ہر فوج کے بارے میں پوچھتے جاتے تھے کہ یہ کون ہیں ؟ یہ کن لوگوں کا لشکر ہے ؟ اس کے بعد انصار کا لشکر پر انوار اتنی عجیب شان، اور ایسی نرالی آن بان سے چلا کہ دیکھے والوں کے دل دہل گئے۔ 
۲۰ رمضان ۸ ہجری میں فاتحانہ شان و شوکت کے ساتھ نبی اکرم ﷺ نے مکہ کی سرزمین میں نزول اجلال فرمایا، اور حکم دیا کہ میرا جھنڈا ‘‘مقام حجون’’ کے پاس گاڑا جائے، اور حضرت آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے لشکر کو چار دستوں میں تقسیم کیا اور مختلف سمتوں سے شہر میں داخل ہونے کا حکم دیا اور تاکید کی کہ جو تم سے لڑے اس کے علاوہ اور کسی سے جنگ نہ کرنا۔ چاروں طرف سے شہر گھر گیا اور مشرکین کے پاس ہتھیار ڈالنے کے علاوہ کوئی راستہ نہ رہا۔ 
آنحضرت ﷺ نے مکہ کی سرزمین میں قدم رکھتے ہی جو پہلا فرمان جاری فرمایا وہ یہ اعلان تھا کہ : 
جو شخص ہتھیار ڈال دے گا اس کے لیے امان ہے۔ 
جو شخص اپنا دروازہ بند کرے گا اس کے لیئے امان ہے۔ 
جو کعبہ میں داخل ہو جائے گا اس کے لیے امان ہے۔ 
اس موقع پر حضرت عباس رضی اللہ عنہ نے عرض کیا یا رسول اللہ ابو سفیان ایک فخر پسند آدمی ہے اس کے لیے کوئی ایسی امتیازی بات فرما دیجیے کہ اس کا سر فخر سے اونچا ہو جائے تو آپ نے فرمایا کہ 
جو ابو سفیان کے گھر میں داخل ہو جائے اس کے لیے امان ہے۔ 
حضور ﷺ کے اس اعلان رحمت نشان یعنی مکمل امن و امان کا فرمان جاری کر دینے کے بعد ایک قطرہ خون بہنے کا کوئی امکان ہی نہیں تھا، لیکن عکرمہ بن ابو جہل و صفوان بن امیہ و سہیل بن عمرو اور جماش بن قیس نے مقام ‘‘ خندمہ’’ میں مختلف قبائل کے اوباش کو جمع کیا تھا، ان لوگوں نے حضرت خالد بن ولید کی فوج میں سے دو آدمیوں حضرت کرز بن جابر فہری اور حبیش بن اشعر رضی اللہ عنہما کو شہید کر دیا اور اسلامی لشکر پر تیر برسانا شروع کر دیا، غرض دو تین صحابہ کرام کو کفار قریش نے قتل کر دیا  دو جو مذکور ہوئے اور ایک حضرت سلمہ بن المیلا رضی اللہ عنہ اور بارہ یا تیرہ کفار بھی مارے گئے اور باقی میدان چھوڑ کر بھاگ نکلے۔ 
آنحضور ﷺ نے جب دیکھا کہ تلواریں چمک رہی ہیں تو آپ ﷺ نے دریافت فرمایا کہ میں نے تو خالد بن ولید کو جنگ کرنے سے منع کر دیا تھا پھر یہ تلواریں کیسی چل رہی ہیں ؟ لوگوں نے عرض کیا کہ پہل کفار کی طرف سے ہوئی ہے۔ اس لیے لڑنے کے سوا حضرت خالد بن ولید کی فوج کے لیے کوئی چارہ کار ہی نہیں رہ گیا تھا، یہ سن کر ارشاد فرمایا کہ قضاء الہی یہی تھی اور خدا نے جو چاہا وہی بہتر ہے۔ 
حضور اکرم ﷺ جب فاتحانہ حیثیت سے مکہ میں داخل ہونے لگے تو آپ اپنی اونٹنی ‘‘قصواء’’ پر سوار تھے، ایک سیاہ رنگ کا عمامہ باندھے ہوئے تھے، آپ کے ایک جانب حضرت ابو بکر صدیق اور دوسری جانب اسید بن حضیر تھے۔ اور ٓپ کے چاروں طرف جوش میں بھرا ہوا اور ہتھیاروں میں ڈوبا ہوا لشکر تھا جس کے درمیان کوکبۂ نبوی تھا۔ اس شان و شوکت کو دیکھ کر ابو سفیان نے حضرت عباس رضی اللہ عنہ سے کہا اے عباس تمھارا بھتیجہ تو بادشاہ ہو گیا ہے۔ حضرت عباس رضی اللہ عنہ نے کہا کہ تیرا برا ہو اے ابو سفیان یہ بادشاہت نہیں بلکہ یہ نبوت ہے۔ اس شاہانہ جلوس کے جاہ و جلال کے باوجود شہنشاہ رسالت ﷺ کی شان تواضع کا یہ عالم تھا کہ آپ سورۂ فتح کی تلاوت فرماتے ہوئے اس طرح سر جھکائے ہوئے اونٹنی پر بیٹھے ہوئے تھے کہ آپ کا سر اونٹنی کے پالان سے لگ جاتا تھا، آپ کی یہ کیفیت تواضع خداوند قدوس کا شکر ادا کرنے اور اس کی بارگاہ عظمت میں اپنے عجز و نیاز مندی کا اظہار کرنے کے لیے تھی۔ 

بیت اللہ میں داخلہ

آنحضرت ﷺ کا جھنڈا مقام ‘‘حجون’’ میں جس کو آج کل جنۃ المعلیٰ کہتے ہیں۔ ‘‘مسجد الفتح’’ کے قریب میں گاڑا گیا پھر آپ اپنی اونٹنی پر سوار ہو کر اور حضرت اسامہ بن زید کو اونٹنی پر اپنے پیچھے بٹھا کر مسجد حرام کی طرف روانہ ہوئے اور حضرت بلال رضی اللہ عنہ اور کعبہ کے کلید بردار عثمان بن طلحہ حجبی بھی آپ کے ساتھ تھے، آپ نے مسجد حرام میں اپنی اونٹنی کو بٹھایا اور کعبہ کا طواف کیا اور حجر اسود کو بوسہ دیا۔ 
عین کعبہ کے اندر بہت سے بت تھے جن کو قریش خدا مانتے تھے۔ آنحضرت ﷺ نے کعبہ میں داخل ہونے سے پہلے حکم دیا کہ وہ سب نکالے جائیں۔ جب کعبہ مقدس تمام بتوں سے پاک ہو گیا تو آپ اپنے ساتھ حضرت اسامہ بن زید اور حضرت بلال اور عثمان بن طلحہ حجبی کو ساتھ لے کر خانہ کعبہ کے اندر تشریف لے گئے۔ اور بیت اللہ شریف کے تمام گوشوں میں تکبیر پڑھی اور دو رکعت نماز بھی ادا فرمائی۔ اس کے بعد باہر تشریف لائے۔ 

خطاب عام 

اس کے بعد آنحضرت ﷺ شہنشاہ اسلام کی حیثیت سے حرم الہی میں سب سے پہلا دربار عام منعقد فرمایا جس میں افواج اسلام کے علاوہ ہزاروں کفار و مشرکین کے خواص و عوام کا ایک زبردست ازدحام تھا، اس شہنشاہی خطبہ میں آپ نے صرف اہل مکہ ہی سے نہیں بلکہ تمام عالم سے خطاب عام فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا : 
‘‘ایک خدا کے سوا کوئی معبود نہیں، اس کا کوئی شریک نہیں، اس نے اپنا وعدہ سچ کر دکھایا، اس نے اپنے بندے (محمد ﷺ ) کی مدد کی، اور (کفار کے ) تمام لشکروں کو تنہا شکست دے دی، تمام فخر کی باتیں تمام پرانے خونوں کا بدلہ، تمام پرانے خوں بہا، اور جاہلیت کی تمام رسمیں سب میرے قدموں کے نیچے ہیں۔ صرف کعبہ کی تولیت اور حجاج کو پانی پلانا یہ دونوں اعزاز اس سے مستثنی ہیں، اے قوم قریش اب جاہلیت کا غرور، اور خاندانوں کا افتخار خدا نے مٹا دیا، تمام لوگ حضرت آدم علیہ السلام کی نسل سے ہیں اور حضرت آدم علیہ السلام مٹی سے بنائے گئے ہیں۔ ’’
اس کے بعد آنحضرت ﷺ نے قرآن مجید کی آیت تلاوت فرمائی جس کا ترجمہ یہ ہے : 
‘‘اے لوگو! ہم نے تم کو ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا اور تمھارے لیے قبیلے اور خاندان بنائے تاکہ تم آپس میں ایک دوسرے کی پہچان رکھو، لیکن خدا کے نزدیک سب سے زیادہ عزت دار وہ ہے جو سب سے زیادہ پرہیزگار ہے۔ یقیناً اللہ تعالیٰ بڑا جاننے والا اور خبر رکھنے والا ہے۔ ’’ (الحجرات : ۲۰)
اس کے بعد شہنشاہ کونین ﷺ نے اس ہزاروں کے مجمع میں ایک گہری نگاہ ڈالی تو دیکھا کہ سر جھکائے نگاہیں نیچے کیے ہوئے لرزاں و ترساں اشراف قریش کھڑے ہوئے ہیں، ان ظالموں اور جفا کاروں میں وہ لوگ بھی تھے جنھوں نے آپ کے راستوں میں کانٹے بچھائے تھے، وہ لوگ بھی تھے جو بارہا آپ پر پتھروں کی بارش کر چکے تھے وہ خونخوار بھی تھے جنھوں نے بار بار آپ پر قاتلانہ حملہ کیے تھے، وہ اوباش بھی تھے جو برسہا برس تک اپنی بہتان تراشیوں اور شرمناک گالیوں سے آپ کے قلب مبارک کو زخمی کر چکے تھے غرض ان میں دنیا کے بڑے بڑے ظالم و جابر اور مجرمین موجود تھے جنھوں نے آپ کی دشمنی میں کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا تھا۔ آج یہ سب کے سب دس بارہ ہزار مہاجرین و انصار کے لشکر کی حراست میں مجرم بنے ہوئے کھڑے کانپ رہے تھے اور اپنے دلوں میں یہ سوچ رہے تھے کہ شاید آج ہماری لاشوں کو کتوں سے نچوا کر، ہماری بوٹیاں چیلوں اور کووں کو کھلا دی جائیں گی اور انصار و مہاجرین کی غضبناک فوجیں ہمارے بچے بچے کو خاک و خون میں ملا کر ہماری نسلوں کو نیست و نابود کر ڈالیں گی اور ہماری بستوں ں کو تاخت و تاراج کر کے تہس نہس کر ڈالیں گی، ان مجرموں کے سینوں میں خوف و ہراس کا طوفان اٹھ رہا تھا، دہشت اور ڈر سے ان کی بدنوں کی بوٹی بوٹی پھڑک رہی تھی، دل دھڑک رہے تھے اور عالم یاس میں انھیں زمین سے آسمان تک دھوئیں ہی دھوئیں کے خوفناک بادل نظر آرہے تھے، اس مایوسی اور نا امیدی کی خطرناک فضا میں ایک دم شہنشاہ رسالت کی نگاہ رحمت ان پاپیوں کی طرف متوجہ ہوئی اور ان مجرموں سے آپ نے پوچھا :
بولو، تم کو کچھ معلوم ہے ؟ کہ آج میں تم سے کیا معاملہ کرنے والا ہوں۔ 
یہ لوگ اگرچہ ظالم تھے، شقی تھے، بد بخت و بے رحم تھے لیکن مزاج شناس تھے پکار اٹھے کہ : 
آپ تو نیک و شریف بھائی ہیں اور شریف برادر زادہ ہیں۔ 
سب کی للچائی ہوئی نظریں جمال نبوت کا منھ دیکھ رہی تھی اور سب کے کان نبی اکرم ﷺ کا فیصلہ کن جواب سننے کے منتظر تھے کہا ایک دم دفعۃً فاتح مکہ نے اپنے کریمانہ لہجے میں ارشاد فرمایا کہ : 
آج تم پر کوئی الزام نہیں، جاؤ تم سب آزاد ہو۔ 
بالکل غیر متوقع طور پر ایک دم اچانک یہ فرمان رحمت سن کر سب مجرموں کی آنکھیں فرط ندامت سے اشکبار ہو گئیں، اور ان کے دلوں کی گہرائیوں سے جذبات شکریہ کے آثار آنسوؤں کی دھار بن کر ان کے رخسار پر مچلنے لگے۔ اور کفار کی زبانوں پر لا إلہ إلا اللہ محمد رسول اللہ کے نعروں سے حرم کعبہ کے در و دیوار پر ہر طرف انوار کی بارش ہونے لگی۔ 
کفار نے مہاجرین کی جائدادوں، مکانوں، دکانوں  پر غاصبانہ قبضہ جما لیا تھا، اب وقت تھا کہ مہاجرین کو ان کے حقوق دلائے جاتے، اور ان سب جائدادوں مکانوں دکانوں اور سامانوں کو مکہ کے غاصبوں کے قبضوں سے نکال کر مہاجرین کے سپرد کیے جاتے، لیکن آنحضرت ﷺ نے مہاجرین کو حکم دے دیا کہ وہ اپنی کل جائدادیں خوشی خوشی مکہ والوں کو ہبہ کر دیں۔ 
مقام صفا میں آپ ایک بلند مقام پر بیٹھے، جو لوگ اسلام قبول کرنے آتے تھے آپ کے ہاتھ پر بیعت کرے تھے، مردوں کی باری ہو چکی تھی مستورات آئیں، عورتوں سے بیعت لینے کا یہ طریقہ تھا کہ ان سے ارکان اسلام اور محاسن اخلاق کا اقرار لیا جاتا، پھر پانی کے ایک لبریز پیالہ میں آنحضرت ﷺ دست مبارک ڈبو کر نکال لیتے آپ کے بعد عورتیں اسی پیالہ میں ہاتھ ڈال دیتی تھی اور بیعت کا معاہدہ پختہ ہو جاتا تھا۔ 
فتح مکہ کے دوسرے دن بھی آپ نے ایک خطبہ دیا جس میں حرم کعبہ کے احکام و آداب کی تعلیم دی، کہ حرم میں کسی کا خون بہانا، جانوروں کو مارنا، شکار کرنا، درخت کاٹنا، اذخر کے سوا کوئی گھاس کاٹنا، حرام ہے۔ اب قیامت تک کے لیے کسی کو حرم میں جنگ کرنے کی اجازت نہیں، اللہ نے اس کو حرم بنا دیا ہے، نہ مجھ سے پہلے کسی کے لیے اس شہر میں خونریزی حلال کی گئی نہ میرے بعد قیامت تک کسی کے لیے حلال کی جائے گی۔ 
انصار نے قریش کے ساتھ جب رسول اللہ ﷺ کے اس کریمانہ حسن سلوک کو دیکھا اور حضور اکرم ﷺ کچھ دنوں تک مکہ میں ٹھہر گئے تو انصار کو یہ خطرہ لاحق ہو گیا کہ شاید رسول اللہ ﷺ پر اپنی قوم اور وطن کی محبت غالب آ  گئی ہے کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ مکہ میں اقامت فرما لیں، اور ہم لوگ آپ سے دور ہو جائیں جب حضور کو انصار کے اس خیال کی اطلاع ہوئی تو آپ نے فرمایا کہ اے اب تو ہماری زندگی اور وفات تمھارے ہی ساتھ ہے۔ 
یہ سن کر فرط مسرت سے انصار کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے۔ اور سب نے کہا کہ یا رسول اللہ ہم لوگوں نے جو کچھ دل میں خیال کیا یا زبان سے کہا اس کا سبب آپ کی ذات مقدسہ کے ساتھ ہمارا جذبہ عشق ہے۔ کیوں کہ آپ سے علیحدگی کا تصور ہمارے لیے نا قابل برداشت ہو رہا ہے۔ 
پھر نبی اکرم ﷺ نے مکہ کا نظم و نسق اور انتظام چلانے کے لیے حضرت عتاب بن اسید رضی اللہ عنہ کو مکہ کا حاکم مقرر فرما دیا۔ اور حضرت معاذ بن جبل کو اس خدمت پر مامور فرما دیا کہ وہ نو مسلموں کو مسائل و احکام اسلام کی تعلیم دیتے رہیں۔ 
فتح کے بعد آپ ﷺ ۱۸ یا ۱۹ دن مکہ میں مقیم فرما کر مدینہ کے لیے روانہ ہو گئے۔ 

حجۃ الوداع

جب سارے عرب میں اسلام پھیل چکا اور ایک ایسی جماعت تیار ہو چکی جو سارے عالم کی رہنمائی کر سکے تو وحی نازل ہوئی : ‘‘جب خدا کی مدد آ چکی اور تم نے دیکھ لیا کہ لوگ خدا کے دین میں گروہ در گروہ داخل ہو رہے ہیں تو خدا کی حمد پڑھو اور استغفار کرو، خدا توبہ قبول فرمانے والا ہے ’’ (سورۂ نصر) عام لوگ اس سورۃ کے لطیف اشاروں کو نہ سمجھ سکے لیکن حضور اکرم ﷺ نے جان لیا کہ اب آپ کی ذمہ داریاں اختتام پذیر ہوئیں، چنانچہ ۱۰ ہجری میں آپ نے آخری بار حج کا ارادہ فرمایا اور تمام قبائل کو اس کی اطلاع دے دی، اس خبر کے سنتے ہی چاروں طرف سے مسلمانوں کا انبوہ کثیر امڈ آیا۔ ۲۶ ذیقعدہ کو جب حضور اقدس ﷺ مدینہ سے روانہ ہوئے تو نوے ہزار مسلمان آپ کے ہمراہ تھے، لیکن راستے میں عرب کے مختلف اطراف سے اور لوگ بھی شامل ہو گئے یہاں تک کہ حج کرتے وقت ایک لاکھ چوبیس ہزار کی جمیعت آپ کے ساتھ تھی، مدینہ سے چھ میل کے فاصلہ پر ذو الحلیفہ کے مقام پر قیام کیا۔ 
مکہ کے قریب پہنچ کر مقام ‘‘سرف ’’میں ٹھہرے۔ ۵ ذو الحجہ کو مکہ میں داخل ہوئے۔ کعبہ پر نظر پڑی تو فرمایا اے خدا اس گھر کو اور زیادہ شرف عطا کر، بعد ازاں خانہ کعبہ کا طواف کیا طواف سے فارغ ہوئے تو کوہ صفا پر تشریف لے گئے اور فرمایا :
اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ لا شریک ہے۔ حکومت، ملک اور حمد اسی کے لیے ہے۔ وہی مارتا ہے اور جلاتا ہے اور تمام چیزوں پر قادر ہے۔ اس کے علاوہ اور کوئی معبود نہیں، اس نے اپنا وعدہ پورا کیا اپنے بند ے کی مدد کی اور اکیلے تمام قبائل کو شکست دی۔ 
صفا سے اترے تو مروہ پر تشریف لے گئے اور یہاں بھی دعا کی اور حمد پڑھی۔ جمعرات کے روز آٹھویں ذو الحجہ کو تمام مسلمانوں کے ساتھ مقام منی میں قیام فرمایا۔ 

خطبہ الوداع 

دوسرے دن یعنی نویں ذو الحجہ کو نماز فجر کے بعد مسلمانوں کے ساتھ عرفات تشریف لے گئے اور ناقہ پر سوار ہو کر وہ آخر اور معروف خطبہ دیا جو اسلامی تاریخ میں خطبہ الوداع کے نام سے مشہور ہے یہ خطبہ در حقیقت اسلام کا نچوڑ اور خلاصہ ہے۔ آج کے دن دین الہی پوری شان و شوکت کے ساتھ نمودار ہوا تھا اور جاہلیت کی تمام رسومات کلیتاً مٹا دی گئی تھیں، اس لیے آپ نے فرمایا : 
جاہلیت کے تمام دستور و مراسم میرے قدموں کے نیچے ہیں۔ مخلوق خدا ذات پات اور اونچ نیچ کے لحاظ سے بٹی ہوئی تھی، حضور ﷺ نے غلام و آقا کے امتیازات کو مٹاتے ہوئے اور انسانیت کی ناہموار سطح کو برابر کرتے ہوئے فرمایا : لوگو! بے شک تمھارا رب ایک ہے، اور تمھارا باپ ایک ہے، عربی کو عجمی پر اور عجمی کو عربی پر، سرخ کو سیاہ پر اور سیاہ کو سرخ پر کوئی فضیلت و برتری نہیں، برتری صرف تقویٰ و پرہیزگاری کے سبب سے ہے ہر مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے۔ غلاموں کے ساتھ برابر کا سلوک کرو، جو خود کھاؤ وہی ان کو کھلاؤ اور جو خود پہنو ان کو پہناؤ۔ 
اہل عرب کا انتقامی جذبہ انتہا کو پہنچا ہوا تھا، کئی پشتوں تک انتقام کا سلسلہ جاری رہتا تھا، ایک ایک قتل کے عوض برسوں تک خون کی ندیاں بہتی رہتی تھیں، حضور اکرم ﷺ نے اس جاہلانہ طریقہ کو مٹایا اور فرمایا۔ جاہلیت کے تمام خون باطل کر دیے گئے اور سب سے پہلے میں ربیعہ بن حارث کے بیٹے کا خون باطل کرتا ہوں۔ (جو میرے اپنے خاندان سے ہے )
اسی طرح سودی کاروبار کے ضمن میں فرمایا : 
جاہلیت کے تمام سود باطل کر دیے گئے اور سب سے پہلے میں اپنے خاندان میں عباس بن عبد المطلب کا سود باطل کرتا ہوں۔ 
مستورات کو مساویانہ حقوق دینے کے متعلق ارشاد فرمایا : 
عورتوں کے معاملہ میں خدا سے ڈرو، تمھارا عورتوں پر اور عورتوں کا تم پر حق ہے ان سے نرمی اختیار کرو اور مہربانی سے پیش آؤ۔ 
مسلمانوں پر ایک دوسرے کا جان و مال حرام کرتے ہوئے کہا :
جس طرح تم اس مہینہ، اس دن اور اس مقام کی حرمت کرتے ہو اسی طرح تمھارا خون اور تمھارا مال ایک دوسرے پر حرام ہے۔ کوئی چیز جو ایک بھائی کی ملکیت ہے دوسرے پر حلال نہیں جب تک وہ خود بخوشی اسے نہ دے۔ 
قرآن مجید کی پیروی کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا 
میں تم میں ایک چیز چھوڑتا ہوں اگر تم نے اس کو مضبوط پکڑ لیا تو گمراہ نہ ہو گے۔ وہ چیز کیا ہے ؟ کتاب اللہ۔ 
اے لوگو! اگر کوئی حبشی غلام بھی تمھارا امیر ہو اور وہ تم کو خدا کی کتاب کے مطابق چلائے تو اس کی اطاعت اور فرماں برداری کرو، اپنے پروردگار کی عبادت کرو، پانچوں وقت کی نماز پڑھو، رمضان کے مہینے کے روزے رکھا کرو، میرے احکام کی اطاعت کرو، خدا کی جنت میں داخل ہو جاؤ گے۔ 
پھر فرمایا : لوگو! عمل میں خلوص، مسلمان بھائیوں کی خیر خواہی اور جماعت میں اتحاد یہ تین باتیں ایسی ہیں جو سینہ کو پاک رکھتی ہیں۔ 
تم کو لازم ہے کہ میرا یہ کلام ان لوگوں تک پہنچا دو جو یہاں موجود نہیں ہے۔ اکثر لوگ روایتاً کلام کو سن کر ان سے زیادہ عزیز رکھتے ہیں جو خود اپنے کانوں سے سنتے ہیں۔ 
اس الوداعی خطبے کے بعد مجمع کو مخاطب کر کے فرمایا : قیامت کے دن اللہ تعالیٰ تم سے میری نسبت پوچھے گا تو کیا جواب دو گے، صحابہ نے بیک زبان عرض کی کہ ہم کہیں گے آپ نے خدا کا پیغام پہنچا دیا اور اپنا فرض ادا کر دیا۔ 
یہ سن کر آپ نے آسمان کی طرف ہاتھ اٹھائے اور تین بار کہا اے خدا تو گواہ رہنا، عین اس وقت قرآن کی آخری آیت نازل ہوئی ‘‘آج میں نے تمھارے لیے تمھارے دین کو مکمل کر دیا اور تم پر اپنی نعمت پوری کر دی ’’ (المائدہ  :۳) اس آیت کے بعد وحی الہی کے نزول کا سلسلہ ختم ہو گیا، چونکہ یہ واضح ہو گیا تھا کہ آپ کا فریضۂ نبوت اب پورا ہو چکا ہے۔ اس لیے آپ نے صاف صاف لوگوں سے فرما بھی دیا کہ شاید میں آئندہ سال تم سے نہ مل سکوں۔ 

وفات اقدس

جب دعوت دین مکمل ہو گئی اور عرب کی نکیل اسلام کے ہاتھ میں آ  گئی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے جذبات و احساسات، احوال و ظروف اور گفتار و کردار سے ایسی علامات نمودار ہونا شروع ہوئیں جن سے معلوم ہوتا تھا کہ اب آپ صلی اللہ علیہ و سلم اس حیات مستعار کو اور اس جہان فانی کے باشندگان کو الوداع کہنے والے ہیں۔ مثلاً آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے رمضان 10ھ میں بیس دن اعتکاف فرمایا جب کہ ہمیشہ دس دن ہی اعتکاف فرمایا کرتے تھے۔ پھر حضرت جبرائیل علیہ السلام نے آپ کو اس سال دو دفعہ قرآن مجید کا دور کرایا جبکہ ہر سال ایک ہی مرتبہ دور کرایا کرتے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے حجۃ الوداع میں فرمایا مجھے معلوم نہیں شاید میں اس سال کے بعد اس مقام پر تم لوگوں سے کبھی نہ مل سکوں۔ جمرہ عقبہ کے پاس فرمایا مجھ سے اپنے حج کے اعمال سیکھ لو کیونکہ میں اس سال کے بعد غالباً حج نہ کر سکوں گا۔ آپ صلی اللہ علیہ و سلم پر ایام تشریق کے وسط میں سورہ نصر نازل ہوئی اور اس سے آپ نے سمجھ لیا کہ اب دنیا سے روانگی کا وقت آن پہنچا ہے اور یہ موت کی اطلاع ہے۔ 
اوائل صفر 11ھ میں آپ صلی اللہ علیہ و سلم دامن احد تشریف لے گئے اور شہدا کے لیے اسی طرح دعا فرمائی۔ پھر واپس آ کر منبر پر فروکش ہوئے اور فرمایا میں تمہارا میر کارواں ہوں اور تم پر گواہ ہوں۔ بخدا میں اس وقت اپنا حوض (حوض کوثر)دیکھ رہا ہوں۔ مجھے زمین اور زمین کے خزانوں کی کنجیاں عطا کی گئی ہیں اور بخدا مجھے یہ خوف نہیں کہ تم میرے بعد شرک کرو گے بلکہ اندیشہ اس کا ہے کہ دنیا طلبی میں باہم مقابلہ کرو گے۔ 
ایک روز نصف رات کو آپ صلی اللہ علیہ و سلم بقیع تشریف لے گئے اور اہل بقیع کے لیے دعائے مغفرت کی۔ فرمایا اے قبر والو! تم پر سلام! لوگ جس حال میں ہیں اس کے مقابل تمہیں وہ حال مبارک ہو جس میں تم ہو۔ فتنے تاریک رات کے ٹکروں کی طرح ایک کے پیچھے ایک چلے آرہے ہیں اور بعد والا پہلے والے سے زیادہ برا ہے۔ اس کے بعد یہ کہہ کر اہل قبور کو بشارت دی کہ ہم بھی تم سے آ ملنے والے ہیں۔ جنت البقیع سے تشریف لانے کے بعد آپ کی طبیعت علیل ہو گئی، جب تک چلنے کی ہمت رہی مسجد میں جا کر خود نماز پڑھاتے رہے، علالت زیادہ شدید ہوئی تو ابو بکر صدیق کو نماز پڑھانے کا حکم دیا۔ 
ہفتہ یا اتوار کو نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے اپنی طبیعت میں قدرے تخفیف محسوس کی ‘ چنانچہ دو آدمیوں کے درمیان چل کر ظہر کی نماز کے لیے تشریف لائے۔ اس وقت ابو بکر رضی اللہ عنہ صحابہ کرام کو نماز پڑھا رہے تھے۔ وہ آپ کو دیکھ کر پیچھے ہٹنے لگے۔ آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا کہ پیچھے نہ ہٹیں اور لانے والوں سے فرمایا کہ مجھے ان کے بازو میں بٹھا دو۔ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کو ابو بکر رضی اللہ عنہ کے بائیں بٹھا دیا گیا۔ اس کے بعد ابو بکر رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی نماز کی اقتداء کر رہے تھے اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو تکبیر سنا رہے تھے۔ 
آپ کے مرض میں کمی بیشی ہوتی رہتی تھی، خاص وفات کے دن یعنی دو شنبہ کے روز طبیعت اچھی تھی، حجرہ مسجد سے متصل ہی تھا، آپ نے پردہ اٹھا کر دیکھا تو لوگ نماز فجر پڑھ رہے تھے، یہ دیکھ کر خوشی سے آپ تبسم ریز ہو گئے، لوگوں نے سمجھا کہ آپ مسجد میں آچا چاہتے ہیں مارے خوشی کے تمام لوگ بے قابو ہو گئے مگر آپ نے اشارہ سے روکا اور حجرہ  میں داخل ہو کر پردہ گرا دیا۔ یہ سب سے آخری موقع تھا کہ صحابہ کرام نے جمال نبوت کی زیارت کی۔ 
12 ربیع الاول 11ھ ۸ جون ۶۳۲ ء  یوم دو شنبہ (پیر) کو چاشت کے وقت آپ نے انتقال فرمایا۔ اس وقت نبی صلی اللہ علیہ و سلم کی عمر تریسٹھ سال چار دن ہو چکی تھی۔ 
اللھم صل علی سیدنا و مولانا محمد و آلہ و بارک و سلم





اِسلامی اَخلاق و آداب


اِسلامی تہذیب و اخلاق کی بنیاد فطرت اور عقلِ انسانی پر ہے اور یہ کائنات کی فطر  ت سے ہم آہنگ ہے اور کائنات کی فطرت الٰہی فطرت کا پرتو ہے لہٰذا اس کے خلاف اِنسان اگر حرکت کرے گا تو وہ تہذیب و اخلاقِ  اسلامی کے خلاف حرکت ہو گی جو فرد اور معاشرے کے لیے ضرر رساں ہو گی۔ 
اِنسان کے کسی بھی عمل اور سوچ کو اِنسانی معاشرے سے لا تعلق نہیں مانا جا سکتا اسی طرح انسانی معاشرے کا مجموعی کردار بھی ہر فرد کے لیے تاثیر رکھتا ہے لہٰذا فرد اور معاشرہ ایک دوسرے سے ہرگز بے گانہ نہیں ہو سکتے۔ 
فرد معاشرے کے لیے ذمہ دار ہے اور معاشرہ فرد کے لیے۔ جب اِسلام کا یہ تصور ہو تو پھر اسلامی تہذیب سے مراد ایک انسانی تہذیب ہے اور اِسلام کی تعلیمات اور اقدار ساری اِنسانیت کے لیے سرمایہ اور ورثہ ہیں، اس لیے ہر وہ فکر اور ہر وہ کام جو انسانی فطرت اور عقل کی بنیاد پر معرضِ وجود میں آئے، اسلامی ہے اگرچہ اس پر اسلام کا لیبل چسپاں نہ بھی کیا گیا ہو۔ جب بھی غور اور مطالعہ کیا جائے گا ایسے فکر و عمل کو انبیاء الٰہی کی تعلیمات کا نتیجہ پایا جائے گا۔ اسی اخلاق و تہذیب کو پروان چڑھانے کا نام تزکیۂ نفس ہے۔ ، اگر بنظر غائر قرآن و حدیث کا مطالعہ کیا جائے تو یہ حقیقت روشن ہوتی ہے کہ تمام انبیائے کرام کی بعثت، اور تمام آسمانی کتابوں کے نزول کا اصلی مقصد  و ہدف تزکیہ نفس ہی رہا ہے۔ چنانچہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے آنحضرت ﷺ کی بعثت کے لیے دعا فرمائی، اس میں آپ کی بعثت کا اصل مقصد یہی بیان فرمایا ہے کہ آپ ﷺ لوگوں کا تزکیہ کریں۔ 
رَبَّنَا وَابُعَثُ فِیهِمُ رَسُولاً مِّنُهُمُ یَتُلُو عَلَیُهِمُ آیَاتِکَ وَیُعَلِّمُهُمُ الُکِتَابَ وَالُحِکُمَةَ وَیُزَکِّیهِمُ إِنَّکَ أَنتَ العَزِیزُ الحَکِیمُ (بقرہ ١٢٩)
اور اے ہمارے رب! تو ان میں انھیں میں سے ایک رسول بھیج، جو ان کو تیری آیتیں پڑھ کر سنائے اور ان کو کتاب و حکمت کی تعلیم دے اور ان کا تزکیہ کرے، بے شک تو غالب حکمت والا ہے۔ 
حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اس دعا کے مطابق جب حضرت ﷺ کی بعثت ہوئی تو اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کی بعثت اور اس کے مقاصد کا حوالہ ان الفاظ میں دیا:
1.	کَمَا أَرُسَلُنَا فِیکُمُ رَسُولاً مِّنکُمُ یَتُلُو عَلَیُکُمُ آیَاتِنَا وَیُزَکِّیکُمُ وَیُعَلِّمُکُمُ الُکِتَابَ وَالُحِکُمَةَ وَیُعَلِّمُکُم مَّا لَمُ تَکُونُواُ تَعُلَمُونَ  (بقرہ ١٥١)
چنانچہ ہم نے تم میں تمھیں میں سے ایک رسول  بھیجا جو تم کو ہماری آیتیں سناتا ہے اور تمہارا تزکیہ کرتا ہے اور تم کو کتاب و حکمت کی تعلیم دیتا ہے اور تم کو وہ باتیں سکھاتا ہے جو تم نہیں جانتے تھے۔ 
 اسی طرح سورہ جمعہ میں آپﷺ کی بعثت اور اس کے اغراض و مقاصد کا حوالہ دے کر اللہ تعالیٰ نے بنی اسمٰعیل پر ان الفاظ میں اپنے احسان کا اظہار فرمایا ہے :
2.	 هُوَ الَّذِی بَعَثَ فِی الُأُمِّیِّینَ رَسُولًا مِّنُهُمُ یَتُلُو عَلَیُهِمُ آیَاتِهِ وَیُزَکِّیهِمُ وَیُعَلِّمُهُمُ الُکِتَابَ وَالُحِکُمَةَ وَإِن کَانُوا مِن قَبُلُ لَفِی ضَلَالٍ مُّبِینٍ
وہی خدا ہے جس نے امیوں (بنی اسمٰعیل) میں انھیں میں سے ایک رسول بھیجا جو ان کو اس کی آیتیں پڑھ کر سناتا ہے، اور ان کا تزکیہ کرتا ہے اور ان کو کتاب و حکمت کی تعلیم دیتا ہے اور بے شک اس سے پہلے وہ کھلی ہوئی گمراہی میں تھے۔ 
ممکن ہے یہاں کسی کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہو کہ مذکورہ بالا آیات میں نبی ﷺ کی بعثت کے مقاصد میں جہاں تزکیّہ کا ذکر آیا ہے وہیں تلاوتِ آیات اور تعلیمِ کتاب و حکمت کا ذکر بھی آیا ہے تو ہم نے آنحضرت ﷺ کی بعثت کا اصلی مقصد صرف تزکیہ ہی کو کیسے قرار دیا؟ آخر دوسری چیزیں بھی تو اسی اہمیت کے ساتھ مذکور ہوئی ہیں وہ کیوں اصلی مقصد قرار پانے کی مستحق نہیں ہیں ؟
اس کا جواب یہ ہے کہ خود قرآن مجید کے اسلوبِ بیان نے یہ حقیقت واضح کر دی ہے کہ مذکورہ آیات میں نبی ﷺ کے اصلی مقصد بعثت کی حیثیت سے جس چیز کا ذکر ہوا ہے وہ تزکیہ ہے۔ باقی اس کے ساتھ دوسری چیزیں۔ (تلاوتِ آیات اور تعلیمِ کتاب و حکمت)جو مذکور ہوئی ہیں تو وہ اصلی مقصد کی حیثیت سے نہیں، بلکہ اصلی مقصد کے وسائل و ذرائع کی حیثیت سے مذکور ہوئی ہیں۔ اس کی دلیل یہ ہے کہ سورہ بقرہ کی مذکورہ بالا دونوں آیتوں میں سے ایک آیت میں تزکیہ کا لفظ سب سے آخر میں آیا ہے اور دوسری آیت میں سب کے شروع میں آیا ہے۔ آیت کے اس تقدیم و تاخیر سے یہ حقیقت واضح کی گئی ہے کہ نبی ﷺ کی تمام جدوجہد اور اس کی تمام سرگرمیوں کا محور و مقصود دراصل تزکیہ ہی ہے۔ کیوں کہ اصل مقصد ہی کی یہ اہمیت ہوتی ہے کہ وہ شروع میں بھی ایک کام کرنے والے کے پیش نظر ہوتا ہے اور آخر میں بھی، وہی اس کی تمام سرگرمیوں کا نقطہ آغاز بھی ہوتا ہے اور وہی نقطہ اختتام بھی، وہیں سے وہ اپنا سفر شروع بھی کرتا ہے اور وہیں اس کو ختم بھی کرتا ہے۔ 
اس مثال کو سامنے رکھ کر آپ اگر انبیائے کرام کی بعثت کے مقصد کو سمجھنا چاہیں تو یوں سمجھ سکتے ہیں کہ ان کا اصلی مقصد تو لوگوں کے نفوس کا تزکیہ ہی ہوتا ہے اور اسی نقطہ نظر سے وہ اپنی تمام دعوتی اور اصلاحی سرگرمیوں کا آغاز کرتے ہیں لیکن اس مقصد کی خاطر انہیں بہت سے ایسے کام بھی کرنے پڑتے ہیں جو اس مقصد کے حصول کا وسیلہ و ذریعہ ہوتے ہیں۔ اس کے لیے وہ اللہ کی آیات کی تلاوت کرتے ہیں۔ اس کے لیے وہ کتاب اللہ کی تعلیم دیتے ہیں، اس کے لیے وہ حکمت کا درس دیتے ہیں۔ مگر مقصود ان سارے کاموں سے صرف تزکیہ ہوتا ہے جو شروع میں بھی ان کے پیشِ نظر ہوتا ہے اور آخر میں بھی وہی ان کی تمام جدوجہد کی غایت بنتا ہے۔ چنانچہ اسی حقیقت کو واضح کرنے کے لیے مذکورہ بالا آیات میں سے ایک آیت میں اس کو نبی ﷺ کی تمام سرگرمیوں کے نقطہ آغاز کی حیثیت سے نمایاں کیا ہے اور دوسری آیت میں اس کی غایت اور منتہا کی حیثیت سے۔ 
اوپر کے مباحث سے تین باتیں واضح ہوئیں :۔ 
1.	ایک یہ کہ تزکیہ تمام دین و شریعت کی غایت اور تمام انبیاء کی بعثت کا اصلی مقصود ہے، دین میں جو اہمیت اس کو حاصل ہے وہ اہمیت دوسری کسی چیز کو بھی حاصل نہیں ہے۔ دوسری ساری چیزیں وسائل و ذرائع کی حیثیت رکھتی ہیں اور یہ چیز غایت و مقصد کی حیثیت رکھتی ہے۔ انبیاء علیہم السلام کی سرگرمیاں، خواہ ظاہر میں کتنے ہی مختلف پہلو رکھتی ہوں لیکن باطن میں ان کا ہدف انسان اور انسانی معاشرہ کے تزکیہ ہے۔ 
2.	دوسری بات یہ واضح ہوئی کہ تزکیہ کا سرچشمہ اور اس کا منبع و مصدر اللہ تعالیٰ کی کتاب ہے، اسی کی تعلیم سے تزکیہ کا آغاز ہوتا ہے اور پھر اسی کے اسرار و حقائق ہیں جو نبی ﷺ کے ذریعہ سے واضح ہو کر اس تزکیہ کی تکمیل کرتے ہیں۔ 
3.	تیسری حقیقت یہ واضح ہوئی کہ تزکیہ کا عمل انسانی معاشرہ کے کسی گروہ تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ اس کا تعلق تمام افراد اور تمام گروہوں بلکہ پورے معاشرہ سے یکساں طور پر ہے، کوئی شخص بھی اس کے بغیر آخرت میں نجات اور فلاح حاصل نہیں کر سکتا۔ اس کی حیثیت دین میں صرف ایک فضیلت کی نہیں ہے بلکہ ہر شخص کے لیے ایک ناگزیر انفرادی ضرورت کی ہے۔ یہ نجات اور فلاح آخرت کے لیے ایک ضروری شرط ہے۔ 

تزکیہ کا معنی:

عربی زبان میں تزکیہ کا مفہوم کسی چیز کو صاف ستھرا بنانا، اس کو نشو و نما دینا، اور اس کو پروان چڑھانا ہے۔ اور اس کا اصطلاحی مفہوم نفس کو غلط رجحانات و میلانات سے موڑ کر نیکی اور خدا ترسی کے راستہ پر ڈال دینا اور اس کو درجہ کمال پر پہنچنے کے لائق بنانا ہے۔ 

نفس کیا ہے 

اِنسان کے جسدِ خاکی میں معصیت کا گہرا شعور رکھنے والی اور اُس سے بچنے (اِجتناب ) کے طریقوں سے بھی آگاہ رہنے والی ایک فعال، متحرک اور خود مختار قوتِ حاکمہ ہوتی ہے ؛ جو اِنسان کو بد اعمالی اور گُناہ پر اکساتی بھی ہے اور اس سے بچاؤ کے طریقے بھی سُجھاتی ہے ؛ نیز کبھی کسی بد کرداری کے ظہور پر لعنت و ملامت بھی کرتی ہے۔ وہ متضاد داخلی کیفیات کی حامل ہوتی ہے، کبھی معصیتوں اور بد اعمالیوں کا اصل منبع ہو ا کرتی ہے اور کبھی حسنات و اعمالِ صالحہ کے لیے داعی و محرک ہو کر رُشد و خیر کے لیے بُنیادی سرچشمہ بن جاتی ہے۔ بالفاظِ دیگر وہ روح اور جسم کے درمیان ایک پل کا کام دیتی ہے، یہی قوتِ حاکمہ "نفس"  (SELF)کہلاتی ہے۔ قرآنِ پاک میں اِرشادِ باری تعالیٰ ہے :
1.	وَ نَفسٍ وَّمَا سَوّٰھَا فَاَلھَمَھَا فُجُورَھَا وَ تَقوٰھَا، قَد اَفلَحَ مَن زَکّٰھَا (الشمس :9)
قسم نفس کی اور جس نے اسے ہموار کیا، پھر اس کی بدی اور اس کی پر یز گاری اس پر الہام کر دی۔ یقیناً وہ فلاح پا گیا، جس نے اس کا تزکیہ کیا۔ 

نفس کا معنی 

لغت میں نفس کے مختلف معنی وارد ہوئے ہیں مگر قابل ذکر چند یہ ہیں : جان، روح، ذات، شخصیت، حقیقت امر مگر اِصطلاحاً نفس وہ شیٔ ہے جو اِنسان کے اندر غضب اور خواہش و شہوات کی جامع ہو۔ 

انسانی صفات: 

انسان کے اندر پائی جانے والی خصوصیات بنیادی طور پر دو قسم کی ہیں : ایک تو وہ ہیں جو اسے براہ راست اللہ تعالیٰ کی طرف سے ملی ہیں۔ یہ غیر اکتسابی یا قدرتی صفات کہلاتی ہیں۔ دوسری وہ خصوصیات ہیں جنہیں انسان اپنے اندر یا تو خود پیدا کر سکتا ہے یا پھر اپنی قدرتی صفات میں کچھ تبدیلیاں پیدا کر کے انہیں حاصل کر سکتا ہے یا پھر یہ اس کے ماحول کی پیداوار ہوتی ہیں۔ یہ اکتسابی صفات کہلاتی ہیں۔ قدرتی صفات میں ہمارا رنگ، نسل، شکل و صورت، جسمانی ساخت، ذہنی صلاحیتیں وغیرہ شامل ہیں۔ اکتسابی صفات میں انسان کی علمی سطح، اس کا پیشہ، اس کی فکر وغیرہ شامل ہیں۔ 
تزکیہ نفس یا تعمیر شخصیت ان دونوں طرز کی صفات کو مناسب حد تک ترقی دینے کا نام ہے۔ انسان کو چاہئے کہ وہ اپنی ذات کو دلکش بنانے کے لیے اپنی قدرتی صفات کو ترقی دے کر ایک مناسب سطح پر لے آئے اور اکتسابی صفات کی تعمیر کا عمل بھی جاری رکھے۔  تزکیہ نفس کے لیے  ہمارے نزدیک سب سے اعلیٰ و ارفع نمونہ عمل اور آئیڈیل ترین  شخصیت محمد رسول اللہ ﷺ کی ذات با برکت ہے۔ اعلیٰ ترین صفات کا اس قدر حسین امتزاج ہمیں کسی اور شخصیت میں نظر نہیں آتا۔ 

تزکیہ نفس کا ہدف 

تزکیہ کا مطمع نظر صرف اسی قدر نہیں ہے کہ ہمارا نفس کسی نہ کسی شکل میں ٹھیک راہ پر لگ جائے بلکہ تزکیہ اس سے آگے بڑھ کر نفس کو بہتر سے بہتر بنانے کی جدوجہد کرتا ہے۔ تزکیہ صرف اتنا ہی نہیں چاہتا ہے کہ ہمیں خدا اور اس کی شریعت کا کچھ علم حاصل ہو جائے بلکہ وہ اس سے بڑھ کر یہ بھی چاہتا ہے کہ ہمیں خدا اور اس کی صفات کی سچی اور پکی معرفت حاصل ہو جائے۔ تزکیہ صرف یہی نہیں پیش نظر رکھتا ہے کہ ہماری عادتیں کسی حد تک سنور جائیں بلکہ وہ یہ چاہتا ہے کہ ہم تمام مکارم اخلاق کے پیکر مجسم بن جائیں۔ تزکیہ صرف اتنے پر ہی قناعت نہیں کرتا کہ ہمارے جذبات میں ایک ہم آہنگی اور رابط پیدا ہو جائے بلکہ وہ اس پر مزید ہمارے جذبات کے اندر رقت و لطافت اور سوز و گداز کی مٹھاس بھی دیکھنا چاہتا ہے۔ اس کا اصلی مطالبہ یہ ہے کہ ہمارا نفس خدا اور اس کے رسول کے ہر حکم کو اس طرح بجا لائے جس طرح اس کے بجا لانے کا حق ہے۔ اس کا مطالبہ ہم سے صرف خدا کی بندگی ہی کے لیے نہیں ہوتا بلکہ اس بات کے لیے بھی ہوتا ہے کہ ہم خدا کی اس طرح بندگی کریں گویا ہم اسے اپنے سر کی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔ مختصر الفاظ میں اس کے معنی یہ ہوئے کہ تزکیہ ایمان، اسلام اور احسان تینوں کے تقاضے بیک وقت ہمارے سامنے پیش کرتا ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ ہم اپنے خدا کو اس کی تمام صفتوں کے ساتھ مانیں، پھر وہ یہ بھی چاہتا ہے کہ ہم اس کے تمام احکام کی زندگی کے ہر گوشہ میں اطاعت کریں اور پھر اس کا مطالبہ ہم سے یہ بھی ہے کہ یہ ماننا اور اطاعت کرنا محض رسمی اور ظاہری طریقہ پر نہ ہو بلکہ پورے شعور اور گہری للہیت کے ساتھ ہو جس میں ہمارے اعضاء و جوارح کے ساتھ ہمارا دل بھی پورا پورا شریک ہو۔ 
تزکیہ کے اس عمل میں  کوئی وقفہ یا ٹھیراؤ نہیں ہے، اس سفر میں کوئی موڑ یا مقام ایسا نہیں آتا ہے جہاں پہنچ کر آدمی یہ سمجھ سکے کہ بس اب یہ آخری منزل آ  گئی ہے۔ یہ بہتر سے بہتر کی تلاش و جستجو ہے، اس جستجو میں نگاہ کو کہیں ٹھہرنے کی جگہ نہیں ملتی جس رفتار سے اعمال و اخلاق اور ظاہر و باطن میں جلا پیدا ہوتا جاتا ہے، اسی رفتار سے مذاق کی لطافت، حس کی ذکاوت اور آنکھوں کی بصارت بھی بڑھتی جاتی ہے۔ 

تزکیہ کا اصل موضوع

تزکیے کا یہ عمل، جس چیز پر وارد ہوتا ہے، وہ ہمارا نفس ہے۔ لیکن خود نفس کیا ہے ؟ یہ کن صفات اور کن تقاضوں سے مرکب ہے اس کا تزکیہ کن کن باتوں کا مقتضی ہو گا۔ 

نفس انسانی کے مختلف پہلو

اب آئیے غور کیجیے کہ ہمارے نفس کے (جس کو ہم عربی میں ‘‘انا’’ اور اردو میں ‘‘میں ’’ سے تعبیر کرتے ہیں ) کیا کیا پہلو ہیں جن پر تزکیہ کا عمل واقع ہو سکتا ہے اور جن کے تزکیہ کے بغیر اس کا اپنی فطری صلاحیتوں کے مطابق پروان چڑھنا ناممکن ہے۔ 
انسان کی شخصیت کے پہلو بھی دو طرح کے ہیں۔ ایک اس کا ظاہر اور دوسرا اس کا باطن۔ انسان کا ظاہر وہ ہے جو دوسرے لوگوں کو واضح طور پر نظر آتا ہے۔ اس میں اس کی ظاہری شباہت اور طور طریقے شامل ہیں۔ باطن میں انسان کی عقل، علم، جذبات، احساسات اور رجحانات شامل ہیں۔ عام طور پر انسانوں کا ظاہر ان کے باطن ہی کا عکس ہوتا ہے۔ 
ہم اپنے نفس پر جب غور کرتے ہیں تو سب سے پہلے بدیہی طور پر عمل تزکیہ کے تحت دو باتیں آتی ہیں :
1.	ایک یہ کہ ہمارا نفس ادراک کرتا ہے۔ 
2.	دوسرا یہ کہ ہمارا نفس عمل کرتا ہے۔ 
ادراک ہمارے نفس کا اصلی جوہر ہے، یہی وہ صفت ہے جو در حقیقت اس کو حیوانات سے ممتاز کرتی ہے ورنہ وہ ایک جانور سے زیادہ اہمیت دئیے جانے کا مستحق نہ قرار پائے،  اس سے اس کے تمام علوم و افکار اور تمام عقائد و نظریات وجود میں آتے ہیں،  اسی کی روشنی میں وہ مصنوع کو دیکھ کر صانع کی صفتوں اور اس کی پسند اور نا پسند کا اندازہ کرتا ہے اور پھر اسی کی مدد سے وہ یہ فیصلہ کرتا ہے کہ اس کے لیے زندگی کی صحیح روشنی کیا ہے ؟ اور اس پر بحیثیت ایک انسان کے کیا فرائض اور کیا ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں اور ان ذمہ داریوں کو اسے کس احساس مسؤلیت اور کس مستعدی اور سرگرمی کے ساتھ ادا کرنا چاہیے۔ 
 اندازہ کیجیے کہ ہمارے نفس کا یہ پہلو کس قدر اہم ہے۔ بدیہی طور پر نظر آتا ہے کہ نفس کے دوسرے تمام پہلو اسی کے تابع ہیں، اگر اس کی اصلاح ہو تو پورے نفس کی اصلاح ہو سکتی ہے اور اگر اس کے اندر کوئی ادنیٰ خرابی بھی موجود رہے تو اس کے معنی یہ ہیں کہ نفس کی کوئی بھی کج سیدھی نہیں ہو سکتی۔ یہ انسان کی فکر ہی ہے جو اس کو گمراہ یا راہ یاب بناتی ہے اگر فکر کا ایک قدم بھی غلط اٹھ جائے تو سارا فلسفہ ہی غلط ہو کر رہ جائے اور نتائج نکالنے میں کوئی معمولی فرد گذاشت بھی ہو جائے تو علم کی ساری عمارت ہی منہدم ہو جائے اور پھر اس خرابی کے نتیجہ کے طور پر لازماً زندگی کے ہر گوشہ میں فساد پھیل جائے۔ 

تزکیہ علم و ادراک

علم و ادراک کی اس اہمیت کے سبب سے تزکیہ میں علم و ادراک کے تزکیہ کو بڑی اہمیت حاصل ہے، اس میں مقدم شے یہ ہے کہ پہلے وہ بنیادی سوالات طے کر دیے جائیں جو فکرو نظر کو صراط مستقیم پر قائم رکھنے کے لیے ضروری ہیں مثلاً یہ کہ ہم کیا ہیں ؟ کہاں سے آئے ہیں ؟ کہاں جائیں گے ؟ ہم خالق ہیں یا مخلوق؟ مختار ہیں یا مجبور؟ غیر مسؤل ہیں یا کسی کے آگے جواب دہ؟ اگر کسی کے آگے جواب دہ ہیں تو اس کی صفات کیا ہیں ؟ ہماری زندگی کے ساتھ اس کا تعلق کیا ہے ؟ وہ کیا پسند کرتا ہے، کیا نا پسند کرتا ہے ؟ اگر کسی روش کو ناپسند کرتا ہے تو اس کے اختیار کرنے والے کے ساتھ کیا معاملہ کرتا ہے ؟ ان سارے سوالوں کا نہایت قطعی اور حتمی جواب نفس کو علمی کجرویوں اور گمراہیوں سے بچانے کے لیے ناگزیر ہے اور اسی کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ ان سوالوں کے جو صحیح اور قطعی جوابات مہیا کیے جائیں انھیں پھر غفلت و نسیان کی نذر ہونے سے بچایا جائے۔ 

تزکیہ عمل

اسی طرح دوسرے پہلو یعنی عمل کو لیجیے، یہ پہلو بھی علم ہی کی طرح وسیع ہے، انسان کا کوئی لمحہ بھی ایسا نہیں گزرتا ہے جس میں وہ کوئی نہ کوئی عمل نہ کرتا ہو، اور اس کا یہ عمل اس کے نفس پر کوئی برا یا بھلا چھاپ نہ چھوڑتا ہو۔ 
ان اعمال کے متعلق صرف جائز اور ناجائز کا ہی سوال پیدا ہی نہیں ہوتا۔ بلکہ جائز و نا جائز سے زیادہ اہمیت رکھنے والا سوال ان کے محرکات سے متعلق پیدا ہوتا ہے۔ انسان کے اعمال کی محرک کوئی ایک ہی شے نہیں ہوتی، بلکہ مختلف محرکات ہیں جو اس کو عمل کے لیے اکساتے ہیں اور ان سے ہر محرک کا عمل کے مزاج پر براہ راست اثر پڑتا ہے، ایک ہی عمل ایک محرک کے تحت نیکی کا عمل بنتا ہے اور وہی عمل دوسرے محرک کے تحت بدی کا عمل بن جاتا ہے۔ 
پھر ہمارے اندر جتنے بھی محرکات ہیں، ان کے متعلق یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ ان میں سے کن پر اعتماد کیا جائے ؟ کون ہیں جن کی ترغیب و تحریک قبول کی جائے اور کون ہیں جن کی ترغیب و تحریک آنکھ بند کر کے قبول کرنے میں اندیشے اور خطرے ہیں۔ 
 کبھی ہم کوئی عمل کسی ضرورت کی تحریک سے کرتے ہیں مثلاً بھوک لگتی ہے تو کھانا کھاتے ہیں، پیاس لگتی ہے تو پانی پیتے ہیں، تکان محسوس ہوتی ہے تو آرام کرتے ہیں۔ 
اسی طرح ہم بہت سے عمل خواہشوں کی تحریک سے کرتے ہیں مثلاً شہرت و ناموری کے حصول کے لیے بہادری کے کام کرتے ہیں، ہر دلعزیزی حاصل کرنے کے لیے رفاہ عام کے کارنامے انجام دیتے ہیں۔ دولت مند بننے کے لیے صنعت و حرفت اور تجارت کے کاروبار پھیلاتے ہیں۔ 
اسی طرح ہمارے بہت سے کام جذبات کے تحت ہوتے ہیں۔ مثلاً ہم کسی سے محبت اور کسی سے نفرت کرتے ہیں۔ کسی پر حسد اور کسی پر مہربانی کرتے ہیں۔ کسی پر احسان کرتے ہیں اور کسی سے انتقام لیتے ہیں۔ 
علاوہ ازیں ہم گہرے تزکیہ نفس سے یہ بھی محسوس کرتے ہیں کہ ہمارے بہت سے اعمال ایسے بھی ہیں جن کا محرک مذکورہ تمام محرکات سے بالا تر ہوتا ہے، اس کے تحت ہمارے تفکر اور ایثار و بے غرضی کے وہ سارے کام آتے ہیں جن کے اندر اپنے باریک ترین تجزیہ سے بھی تعبیر کر سکتے ہیں۔ 
یہ چاروں قسم کے محرکات ہمارے اندر کبھی الگ الگ کام کرتے ہیں اور کبھی ملے جلے ہوئے ہوتے ہیں۔ نیز یہ اپنے فعل میں افراط و تفریط کے بھی مرتکب ہوتے ہیں، اس وجہ سے ہر عمل میں ان کا تجزیہ کرتے رہنا اور ان کی افراط و تفریط پر ان کا محاسبہ کرتے رہنا اور ان کو ان کے فطری و شرعی حدود کا پابند بنانا ایک بڑا طویل سلسلہ ہے، اس سارے سلسلہ کو ایک خاص نظم کے تحت منظم کرنا بھی تزکیہ کے فرائض میں داخل ہے۔ 

تزکیہ تعلقات و معاملات:

علم و عمل اور جذبات و محرکات کے بعد ہمارے نفس کا دوسرا پہلو اس کے تعلقات و معاملات کا ہمارے سامنے آتا ہے اور یہ بھی اپنی وسعت میں کسی طرح مذکورہ پہلوؤں سے کم نہیں ہے بلکہ ان سے کچھ زیادہ ہی ہے۔ 
نفس کے تعلقات میں سب سے پہلے جو تعلقات زیر بحث آئے ہیں وہ نفس کا تعلق خدا کے ساتھ اور خود اپنے ساتھ ہے۔ اگر ہم اپنے آپ کو خالق نہیں بلکہ مخلوق تسلیم کرتے ہیں تو یہ سوال لازماً پیدا ہوتا ہے کہ خالق کے ساتھ ہمارے تعلقات کی نوعیت کیا ہے ؟ اور وہ بالکل صحیح بنیادوں پر کس طرح قائم ہو سکتے ہیں ؟
اس کے بعد دوسرے درجہ میں خود اپنے نفس کا معاملہ ہمارے سامنے آتا ہے، ہم جس چیز کو "انا" یا "میں " سے تعبیر کرتے ہیں وہ بدیہی طور پر بہت سی چیزوں کا مالک یا امین ہے اس کے قبضہ میں ایک جسم ہے، دل و دماغ ہیں، قوتیں اور قابلیتیں ہیں، احساسات اور جذبات ہیں، آخر وہ ان ساری چیزوں کے ساتھ کس طرح معاملہ کرے گا؟ کیا وہ ان ساری چیزوں کا مالک ہے اور اس کو حق پہنچتا ہے کہ وہ ان کو جس طرح چاہے استعمال کرے یا وہ ان چیزوں کا امین ہے اور ان کو وہ صرف ان حدود کے اندر ہی استعمال کر سکتا ہے جو امانت رکھنے والے کی طرف سے ان کے استعمال کے لیے مقرر کر دی گئی ہیں ؟ اگر دوسری شکل ہے تو پھر یہ سوال بھی اٹھتا ہے کہ وہ حدود کیا ہیں ؟ جن کی نگہداشت اس سلسلہ میں لازمی ہے اور پھر انہی کے ساتھ ان ظاہری اور باطنی صفات کا جاننا بھی ناگزیر ہو گا جو اس نگہداشت کے فرض سے کما حقہ عہدہ برآ ہونے کے لیے ضروری ہیں۔ 
خدا اور اپنی ذات کے بعد نفس کا تعلق اپنے ماحول سے جڑتا ہے، انسان کے متعلق یہ حقیقت محتاج بحث نہیں ہے کہ وہ ایک اجتماعی وجود ہے، وہ جب بھی پایا جاتا ہے اور جہاں کہیں بھی پایا جاتا ہے، کسی خاندان کے فرد، کسی معاشرہ کے رکن، کسی ریاست کے شہری ہی کی حیثیت سے پایا جاتا ہے۔ انسان اپنے نشو و نما اور اپنی ترقی اور کمال کے حصول کے لیے ان سہاروں کا محتاج ہے، ان سہاروں سے الگ ہو کر اول تو اس کا وجود پایا ہی نہیں جاتا اور اگر پایا جاتا بھی ہے تو اس طرح کہ اس کی ساری صلاحیتیں بالکل ٹھٹھر کے رہ جاتی ہیں۔ اس وجہ سے تزکیہ ہمارے نفس کے سارے تعلقات کا جائزہ لے کر ان کو صحیح بنیادوں پر استوار کرتا ہے تا کہ وہ اس معراج کمال تک پہنچ سکے جہاں تک وہ اپنی فطری صلاحیتوں کے لحاظ سے پہنچ سکتا ہے۔ 
 اس تفصیل سے معلوم ہوا کہ تزکیہ کوئی مفرد اور بسیط عمل نہیں ہے بلکہ اس کے اطراف دور دور تک پھیلے ہوئے ہیں، ہمارے نفس کا ہر گوشہ اور ہماری زندگی کا ہر پہلو خواہ وہ ظاہری ہو یا باطنی، عقلی ہو یا عملی، اخلاقی ہو یا اجتماعی و سیاسی، اس کے تحت آتا ہے۔ 
 ہمارے نفس کے تزکیہ کے معنی صرف یہ نہیں ہیں کہ اس کے کسی ایک گوشہ میں اجالا ہو گیا بلکہ اس کے معنی یہ ہیں کہ اس کے ہر گوشہ میں روشنی پھیل گئی، ہمارا علم بھی جگمگا اٹھا، ہمارا عمل بھی پاکیزہ ہو گیا، ہمارے تعلقات و معاملات بھی درست ہو گئے۔ 

انسان کا تعلق اپنی ذات سے

گزشتہ تفصیلات اگر آپ کے ذہن میں ہیں تو یہ سمجھنا آپ کے لیے کچھ مشکل نہیں ہے کہ اپنی ذات کے ساتھ آپ کے تعلق کی نوعیت کیا ہے ؟ اس کی روشنی میں آپ خود، بے تکلف، اس حقیقت تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں کہ آپ خالق نہیں، بلکہ مخلوق ہیں، خدا نہیں، بلکہ بندے ہیں۔ تو لازماً آپ اپنی ذات کے معاملہ میں خود مختار اور مطلق العنان بھی نہیں ہو سکتے، بلکہ اخلاقاًٍ اور عقلاً آپ پابند ہیں۔ آپ کا ہر اقدام اس خالق و پروردگار کی پسند کے مطابق ہو جس نے آپ کو وجود بخشا ہے اور جو آپ کی پرورش کر رہا ہے۔ 
یہ شعور یہ رہنمائی دیتا ہے کہ آپ اپنی ذات اور اپنی تمام قوتوں اور صلاحیتوں کو اپنے رب کی امانت تصور کریں اور اسی حیثیت سے ان کے ساتھ معاملہ کریں۔ آپ ان میں سے نہ کسی چیز کو اپنے ارادہ سے ضائع اور برباد کر سکتے، اور نہ رہن اور بیع کر سکتے، اور نہ امانت رکھنے والے کی مرضی کے خلاف ان میں کوئی تصرف کر سکتے ہیں۔ 
خالق نے آپ کے اندر جو قوتیں اور صلاحیتیں بھی ودیعت کی ہیں وہ سب بلا استثناء آپ کے مقصد وجود کے لیے لازمی اور ضروری ہیں، کوئی چیز بھی ایسی نہیں جو کاٹ پھینکنے کے لائق ہو۔ ان میں سے کوئی چیز کسی برائی کا سبب بنتی ہے تو آپ کے سوء استعمال سے بنتی ہے۔ خرابی شے میں نہیں، بلکہ آپ کے طریق استعمال میں ہوتی ہے۔ آپ اگر اپنی قوتوں کو صحیح طریقہ پر، صحیح محل میں، استعمال کریں گے تو ان سے اپنی اور اپنی پوری نوع کی خدمت کریں گے اور غلط طریقہ، غلط محل میں، استعمال کریں گے تو ان سے اپنی دنیا اور آخرت دونوں برباد کریں گے۔ جوگیوں اور راہبوں کو یہ غلط فہمی ہوئی کہ انہوں نے جسم اور جسمانی قوتوں کو بجائے خود روح کی ترقی میں مزاحم تصور کیا اور اس تصور کے تحت اپنے جوگیانہ اور راہبانہ نظام میں ان کو ختم کرنے کے لیے جاں گسل ریاضتیں ایجاد کیں جن کے تصور سے بھی وحشت ہوتی ہے۔ حالانکہ اس طرح انہوں نے روح کی ترقی و اصلاح کے مقصد کو کوئی فائدہ پہنچانے کے بجائے الٹا اس کو نہایت شدید نقصان پہنچایا۔ روح انسانی جس طرح آسمان سے غذا حاصل کرتی ہے اسی طرح زمین سے بھی غذا حاصل کرتی ہے۔ جسم کی قوتیں اگر صحیح طور پر نشوونما پائیں اور اپنے صحیح محل میں استعمال ہوں تو ان سے روح قوت حاصل کرتی ہے۔ برعکس اس کے اگر جسم بیمار ہو تو بیمار جسم کی روح بھی مضمحل ہو جاتی ہے۔ 
 اس طرح کی کوئی چیز نبی ﷺ اور حضرات صحابہ رضی اللہ عنہم کے ہاں ہمیں نہیں ملتی، حالانکہ روحانی پاکیزگی کے اعتبار سے ان کا جو مرتبہ ہے وہ کسی دوسرے کا نہ ہے، نہ ہو سکتا ہے۔ اس کے بر عکس ان کے ہاں ہر معاملہ میں اعتدال و میانہ روی کی تعلیم ملتی ہے اور اگر کسی کے کسی عمل سے اس کے اندر کسی حد سے گذرنے والے (غالیانہ) رُجحان کا اظہار بھی ہوا ہے تو اس کی حوصلہ شکنی نبی ﷺ نے بھی فرمائی ہے اور حضرات صحابہ نے بھی۔ 
 بعض لوگوں نے زندگی کی بعض لذتوں کو دین داری کے خلاف سمجھ کر ترک کر دینے کا اظہار کیا تو حضورﷺ نے ان کو تنبیہ فرمائی کہ میں تم سب سے زیادہ علم رکھنے والا اور اپنے رب سے سب سے زیادہ ڈرنے والا ہوں تو جب میں یہ سارے کام کرتا ہوں تو تم ان سے کیوں احتراز کرو؟ 

جن لوگوں کے ذہنوں میں یہ خیال بسا ہوا تھا کہ نفس کو زیادہ سے زیادہ مشقت میں ڈالنا روحانی ترقی کے لیے ضروری ہے ان کو نبی ﷺ نے یہ تعلیم دی کہ تمہارے نفس کا بھی تمہارے اوپر حق ہے۔ اسی ذیل میں نفس کے بعض متعلقات کے نام لے کر آپؐ نے اس تعلیم کی اچھی طرح وضاحت بھی فرما دی کہ لوگوں کو اس کے سمجھنے میں کوئی اشتباہ نہ رہے۔ چنانچہ حضرت عبد اللہ بن عمروؓ بیان کرتے ہیں کہ:
مجھ سے رسول اللہ ﷺ نے پوچھا کہ کیا یہ صحیح نہیں ہے کہ تم دن کو روزے رکھتے ہو اور رات بھر نمازیں پڑھا کرتے ہو؟ میں نے عرض کیا کہ صحیح ہے، یا رسول اللہ! آپ نے فرمایا: ایسا نہ کرو، کبھی روزہ رکھو، کبھی افطار کرو، نماز بھی پڑھو اور سوؤ بھی۔ کیوں کہ تمہارے جسم کا بھی تم پر حق ہے، تمھارے اہل و عیال اور تمھارے دوست و احباب کا بھی تم پر حق ہے۔ 
ان تعلیموں سے اسلام کا صحیح مزاج سامنے آتا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی بخشی ہوئی قوتوں اور نعمتوں میں سے کسی چیز کو روحانی ترقی کے لیے ختم کرنے کا مطالبہ نہیں کرتا۔ بلکہ پورے اعتدال کے ساتھ، اس کے صحیح مصرف میں استعمال کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ رہی یہ بات کہ کسی چیز کا صحیح مصرف کیا ہے ا ور اس کے باب میں صحیح نقطہ اعتدال ہے، بلکہ قوتوں کے صحیح محل استعمال کی بھی وضاحت کی ہے اور وہ طریقے بھی تعلیم کیے ہیں جن پر عمل کر کے انسان اپنے نفس کو لگام لگا سکتا ہے اور اس کو مستقیم پر استوار رکھ سکتا ہے۔ 

نفس کی اقسام

اللہ جلّ شانہ نے قرآنِ پاک میں نفس کے تین اَوصاف بیان فرمائے ہیں :1۔ نفسِ امّارہ2۔ نفسِ لوّامہ3۔ نفسِ مطمئنہ اکثر محققین صوفیاء کے نزدیک ہر اِنسان میں یہ تین نفس پائے جاتے ہیں۔ اور فقہاء و مفسرین کے نزدیک نفس تو ایک ہی ہوتا ہے، مگر اس کے مختلف تین اَوصاف ہوتے ہیں۔ تاہم حقیقت یہ ہے کہ نفس اپنی ذات کے اعتبار سے تو ایک ہی ہے، لیکن اپنی صفات کے اعتبار سے تین ہیں۔ 

صفات کے اعتبار سے نفس کی تین قسمیں ہیں : 
1.	نفس امارہ : 
نفس امارہ پہلا نفس ہے (یعنی برائیوں کا حکم دینے والا ) یہ سب سے زیادہ گناہوں کی طرف مائل کرنے والا اور دنیاوی رغبتوں کی جانب کھینچ لے جانے والا ہے۔ اس کا یہی کام ہے، یہ نفس مجرم، سرکش، ضدی اور خود سر لوگوں کا ہوتا ہے۔ تزکیہ و تعلیم سے اس کی برائی کے غلبہ کو کم کر کے جب انسان نفس امارہ کے دائرہ سے نکل آتا ہے تو لوامہ کے مقام پر فائز ہو جاتا ہے۔ 
2.	نفس لوامہ : 
(یعنی ملامت کرنے والا نفس) جب مسلمان کوئی نیکی کرے تو ہ نفس خوب سے خوب تر کی تلاش میں اس نیکی میں ہر قسم کی کمی کو پورا کرنے کی کوشش کرتا رہتا ہے۔ اور اگر کوئی گناہ یا برائی سرزد ہو جائے تو ہ نفس فوری طور پر سخت ملامت کرنے لگتا ہے اور اس گنہگار کو ندامت و شرمندگی اور توبہ کی توفیق مل جاتی ہے، اس مقام پر دِل میں نور پیدا ہو جاتا ہے۔ جو باطنی طور پر ہدایت کا باعث بنتا ہے۔ 
3.	نفس مطمئنہ : 
(یعنی اطمینان والا نفس ) یہ وہ نفس ہے جو بری خصلتوں سے بالکل پاک اور صاف ہو جاتا ہے اور حالت سکون و اطمینان میں آ جاتا ہے۔ اور ہر قسم کے گناہ یا برے کاموں سے بیزار ہوتا ہے۔ اسے عبادت میں لذت و چاشنی محسوس ہوتی ہے۔ اس مقام پر بندہ ہر حال میں اپنے رب سے راضی رہتا ہے۔ 
 نفس مطمئنہ کا مطلب یہ ہے کہ ہمارے علم کی بنیاد ایسے مضبوط یقین پر قائم ہو جائے کہ رنج و راحت اور دکھ اور سکھ کی کوئی حالت بھی خدا کے بارے میں ہمارے اعتماد اور ہمارے حسن ظن کو بدل نہ سکے بلکہ ہر حالت میں ہم خدا سے راضی اور مطمئن رہیں، اسی طرح ہمارے عمل کی بنیاد ایک ایسی مستحکم سیرت پر قائم ہو جائے کہ تنگی و فراخی اور خوف و طمع کی کوئی آزمائش بھی ہم کو اس مقام سے نہ ہٹا سکے جہاں اللہ کی شریعت نے ہمیں کھڑا کیا ہے، تا کہ اللہ تعالیٰ نے ہم سے جو کچھ چاہا ہے، ہم اس کو پورا کر کے اس کے پسندیدہ بندے بن سکیں، یہی نفس مطمئنہ تزکیہ نفس کا اصل مقصود ہے۔ 

نفس کے حقوق


1.	پہلا حق، معرفت نفس
ہمارے اوپر نفس کا پہلا حق یہ ہے کہ ہم اس کی صحیح صحیح معرفت حاصل کریں۔ انسان ایک عالم اصغر ہے اور اس کے نفس کے چھوٹے سے آئینہ میں وہ سب کچھ منعکس کر دیا گیا ہے جس کا جاننا اس کی زندگی کی رہنمائی کے لیے ضروری ہے۔ حکماء میں سے جو واقعی حکیم ہیں، انہوں نے اس حقیقت کا سراغ دیا ہے۔ سقراط، جو تمام حکماء کا امام ہے، کا یہ قول مشہور ہے کہ 'اے انسان! تو اپنے آپ کو پہچان'۔ افلاطون نے اس سے زیادہ وضاحت کے ساتھ کہا ہے کہ 'روح انسانی کو اس دنیا میں بھیجنے سے پہلے تمام حقائق سے آگاہ کر دیا گیا ہے، لیکن اس پر ذہول طاری ہو گیا ہے۔ تذکیر اور تذکر سے اس کی یاد دہانی ہوتی رہتی ہے۔ ارسطو کی رائے یہ ہے کہ 'انسان کے نفس کے اندر جو خزانہ ہے اگر وہ اس کو برآمد کر لے تو اس کے لیے کافی ہے '۔ بعد کے ادوار میں بھی تمام قابل ذکر حکماء نے اس حقیقت کا اظہار و اعتراف کیا ہے۔ 
قرآن میں بھی یہ بات واضح فرما دی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے نفس انسانی کی تشکیل اس طرح فرمائی ہے کہ اس کے اندر نیکی اور بدی کے تمام مبادی الہام کر دیے ہیں تا کہ اس پر اللہ تعالیٰ کی حجت تمام ہو جائے :
فَأَلُهَمَهَا فُجُورَهَا وَتَقُوَاهَا (الشمس۔ ۹۱: ۷۔ ۸)
پس اس کو سمجھ دی اس کی بدی اور نیکی کی۔ 
قرآن میں یہ بھی فرمایا گیا ہے کہ انسان خود اپنے اوپر گواہ ہے، اگرچہ وہ کتنی ہی سخن سازیاں کرے :
بَلِ الُإِنسَانُ عَلَی نَفُسِهِ بَصِیرَةٌ وَلَوُ أَلُقَی مَعَاذِیرَهُ (اَلقِیَامَۃ۔ ۷۵: ۱۴۔ ۱۵)
بلکہ انسان خود اپنے اوپر گواہ ہے، اگرچہ کتنے ہی بہانے پیش کرے۔ 
 یہ تمام باتیں دلیل ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کی ہدایت کے لیے دہرا انتظام فرمایا ہے۔ سب سے پہلے اس کی فطرت کو اپنی ہدایت سے نوازا۔ اس کے بعد اپنی وحی سے بھی اس کو مشرف کیا تا کہ اندر اور باہر، دونوں طرف سے اس کو نور حاصل ہو اور وہ چاہے تو 'نورٌ علیٰ نورٍ' بن جائے۔ یہ امر یہاں واضح رہے کہ باہر کے نور کی بھی حقیقی قدر انھیں کے اندر پیدا ہوتی ہے جن کے اندر کا نوز زندہ ہوتا ہے۔ وہ ان کے لیے دلیل اور رہنما کا کام کرتا ہے۔ جو اپنے اندر کے نور کے نور کو بجھا دیتے ہیں وہ باہر کے نور سے بھی محروم رہتے ہیں۔ اس وجہ سے انسان کے لیے نہایت ضروری ہے کہ وہ اپنے نفس کے مخفی خزانوں سے اچھی طرح واقف ہو، ان کا برابر جائزہ لیتا رہے اور ان سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے۔ اپنے اندر کی آواز انسان کے لیے سب سے زیادہ مؤثر ہوتی ہے۔ اس کو وہ جس طرح سنتا اور سمجھتا ہے اور پھر اس پر اس کو جس درجہ اذعان ہوتا ہے اس درجہ اذعان خارج کی آواز پر مشکل ہی سے ہوتا ہے۔ یہ آواز ہی صداقت کے لیے کسی دلیل کی محتاج نہیں ہوتی، بلکہ خود آپ اپنی دلیل ہوتی ہے۔ 
2.	دوسرا حق، تربیت نفس
نفس کا دوسرا حق یہ ہے کہ انسان اس کی تربیت کرے۔ تربیت سے مراد یہ ہے کہ اس کے اندر اللہ تعالیٰ نے جو روشنی ودیعت فرمائی ہے کوشش کرے کہ وہ بجھنے نہ پائے، بلکہ اس میں برابر افزونی ہوتی رہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ وہ اس سے کبھی غفلت نہ برتے، بلکہ اس کی ہر آواز کو سنے اور اس پر لبیک کہے۔ انسان کا ضمیر کبھی رہنمائی کرنے میں غفلت نہیں برتتا۔ لیکن انسان بعض اوقات اپنی خواہشوں کے دباؤ کے تحت، اس کی تعمیل سے کترانے کے لیے کچھ مصلحتیں اور بہانے پیدا کر لیتا ہے۔ اگر وہ اس طرح کی بہانہ بازی کا خوگر ہو جائے تو پھر ضمیر کی قوت کمزور ہو جاتی ہے اور وہ آہستہ آہستہ بالکل مضمحل، بلکہ بے جان ہو جاتی ہے۔ یہ حالت ظاہر ہے کہ ضمیر کی موت کے ہم معنی ہے اور اگر ضمیر مردہ ہو جائے تو اس کے یہ معنی ہوئے کہ اب فطرت کی ترجمانی کرنے والا کوئی نہیں رہا اور انسان اپنے باطن کی روشنی سے بالکل محروم ہو گیا۔ 
 اس فتنہ سے محفوظ رہنے کے لیے ضروری ہے کہ آدمی اپنے ضمیر کی مخالفت سے اپنے امکان کے حد تک اپنے کو بچائے اور اگر اس راہ میں بڑی سے بڑی قربانی دینی پڑے تو اس سے دریغ نہ کرے اس لیے کہ ضمیر کی موت ایسی چیز نہیں ہے جو کسی حالت میں بھی گوارا کی جا سکے۔ جس آدمی کا ضمیر مردہ ہو چکا ہو اس کی زندگی زمین کے لیے لعنت ہے۔ جس شخص سے اس طرح کا گناہ صادر ہو وہ اگر پھر روحانی زندگی حاصل کرنا چاہے تو اس پر واجب ہے کہ وہ خالق اور خلق، دونوں کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرے اور اپنے ضمیر اور اپنے رب سے بصمیم قلب اقرار کرے کہ آئندہ وہ اس جرم کا ارتکاب نہ کرے گا۔ 
تربیت نفس کے اس جنگ میں اس نصب العین کو ہمیشہ پیش نظر رکھنا چاہیے جو اللہ تعالیٰ نے اس کی کمال درجہ ترقی کا بتایا ہے۔ 
قرآن کی روشنی میں نفس کی سب سے بڑی ترقی یہ ہے کہ اس کی ایسی تربیت ہو جائے کہ وہ نفس مطمئنہ بن جائے تا کہ آخرت میں اس کو ‘‘راضیةً مرضیّةً’’ کا اعلی ترین مرتبہ حاصل ہو جائے۔ 
 'نفس مطمئنہ' سے مراد یہ ہے کہ دل اس طرح خدا اور اس کی باتوں پر ٹھُک جائے کہ سخت سے سخت حالات میں بھی اپنے نصب العین سے منحرف نہ ہو۔ 'رَاضِیَةً مَّر ضِیّةً' سے مقصود یہ ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے ہاں وہ مقام حاصل کرے کہ پکار اٹھے کہ جو کچھ اس نے اپنے رب سے امیدیں باندھیں وہ اس کے گمانوں اور امیدوں سے کہیں زیادہ پوری ہوئیں اور اس کا رب بھی اس کو بندگی کے معیار پر پورا پائے۔ بس یہی مقام سب سے اونچا مقام ہے۔ 
 تربیت نفس کے لیے نصب العین کی حیثیت تو اسی چیز کو حاصل ہے، لیکن یہ عمر بھر کے لیے ایک کٹھن جہاد ہے اس وجہ سے اس میں ہر قدم پر رہنمائی اور بدرقہ کی ضرورت ہے۔ یہ ضرورت قرآن مجید کے تدبر اور نبی ﷺ اور صحابہ کے اسوہ حسنہ کی پیروی سے پوری ہو گی، بشرطیکہ آدمی آزاد ذہن کے ساتھ مطالعہ کرے، تقلید و تنقید سے آزاد ہو اور اس بات پر ایمان رکھتا ہو کہ صحیح اور کامل علم کی دولت صرف حضرات انبیاء علیہم السلام کو حاصل ہوئی۔ 
3.	تیسرا حق، عزت نفس
نفس کا تیسرا حق یہ ہے کہ آدمی اس کی عزت کرے۔ 'عزت' سے مراد یہ نہیں کہ آدمی اس گھمنڈ میں مبتلا ہو جائے کہ میری طرح کوئی ہے ہی نہیں۔ یہ عزت نفس نہیں، بلکہ کبر نفس ہے۔ جو اس میں مبتلا ہوا وہ شیطان کے سب سے بڑے فتنہ میں مبتلا ہوا اور اس کی ہلاکت یقینی ہے۔ 
 'عزت نفس' سے ہماری مراد یہ ہے کہ انسان اس امر واقعی کو ہمیشہ یاد رکھے کہ اس کے رب نے اس کے اندر وہ قوتیں اور صلاحیتیں ودیعت فرمائیں جو اپنی تمام مخلوقات میں سے کسی کو بھی نہیں بخشیں۔ دنیا کی ہر چیز اس کے لیے مسخر کی گئی، لیکن وہ کسی کے لیے نہیں مسخر کیا گیا۔ بلکہ اس کے رب نے اس کو صرف اپنی بندگی کے لیے خاص کیا ہے۔ اس سرفرازی کا لازمی تقاضا یہ ہے کہ وہ کسی ایسی بات کا مرتکب نہ ہو جو اس کے تمام شرف کو خاک میں ملا دے۔ 
 انسان کا جتنا بڑا مرتبہ ہے اتنی ہی بڑی ذلت بھی اس کے لیے ہے، اگر وہ اس مرتبہ کی قدر نہ کرے۔ چنانچہ قرآن میں مختلف اسلوبوں سے یہ غفلت واضح کی گئی ہے کہ انسان اگر اللہ تعالیٰ کی بخشی ہوئی عزت کی قدر نہیں کرتا تو پھر وہ 'اسفل سافلین' کے کھڈ میں پھینک دیا جاتا ہے، جس سے کبھی اس کو نکلنا نصیب نہیں ہوتا۔ 
اس عزت نفس کے تحفظ کے لیے چند حقیقتوں کا شعور ہر لمحہ انسان میں تازہ رہنا چاہیے ورنہ شیطان اس کو کسی ایسے فتنہ میں مبتلا کر دیتا ہے جس میں مبتلا ہو جانے کے بعد اللہ تعالیٰ اس کو ذلیل ہونے کے لیے چھوڑ دیتا ہے اور جس کو اللہ تعالیٰ ذلت کے حوالے کر دے تو اس کو کوئی بھی عزت دینے والا نہیں بن سکتا۔ اس حقیقت کو قرآن نے یوں واضح فرمایا ہے کہ:
وَمَن یُهِنِ اللَّهُ فَمَا لَهُ مِن مُّکُرِمٍ (الحج۔ ۲۲: ۱۸)
اور جن کو خدا ذلیل کر دے تو ان کو کوئی دوسرا عزت دینے والا نہیں بن سکتا۔ 
 اس سلسلہ میں سب سے پہلی حقیقت یہ ہے کہ انسان اس نکتہ کو ہمیشہ یاد رکھے کہ جو شخص خود اپنی عزت نہیں کرتا اس کی دوسرے بھی عزت نہیں کرتے۔ 
 مطلب یہ ہے کہ جب آپ خود اپنی پیشانی کی، اپنی نگاہ کی، اپنی زبان کی اور اپنی عقل و ذہانت کی قدر نہیں کرتے، بلکہ ان کو خریدنی و فروختی شئے سمجھ کر ہر اس شخص کے ہاتھ بیچتے ہیں ہیں جو آپ کو کچھ پیسے دے، قطع نظر اس سے کہ اس کا معیار کیا ہے اور جس مقصد کے لیے وہ خرید رہا ہے اس مقصد کے لیے ان کا استعمال ان کے خالق نے جائز بھی رکھا ہے یا نہیں تو پھر آپ کو یہ شکایت نہیں ہونی چاہیے کہ دوسرے سے زیادہ قدر نہیں ہے۔ جب آپ کی پیشانی ہر دروازے کے سجدہ سے آلود ہے، آپ کی نگاہ ہر تاک جھانک کے لیے آزاد ہے، آپ کی زبان ہر اہل و نا اہل کی قصیدہ خوانی کر سکتی ہے، تو یقیناً آپ  کسی عزت و احترام کے حق دار نہیں ہیں۔ 
4.	چوتھا حق، احتساب نفس
نفس کا چوتھا حق یہ ہے کہ اس کا برابر محاسبہ کرتے رہیے کہ اس نے کیا نیکی کمائی  ہے اور کیا برائی کمائی  ہے کیوں کہ اس چیز پر آپ کی نجات یا ہلاکت کا انحصار ہے۔ مرنے کے بعد آپ کے عمل کے سوا اور کوئی چیز کام آنے والی نہیں ہے۔ یہی پکڑوائے گا اور یہی چھڑائے گا۔ اس کے ذرہ ذرہ کا حساب ہونا ہے اس وجہ سے ضروری ہے کہ اس حساب سے پہلے آپ خود اپنا حساب کر رکھیں۔ اس سے متعلق حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ایک نہایت حکیمانہ قول بھی نقل ہوا ہے کہ انہوں نے فرمایا:
اپنے نفس کا محاسبہ کر لو قبل اس کے کہ تمہارا حساب ہو، اور بڑے میدان کے لیے تیار ہو جاؤ اور بے شک قیامت کے دن کا حساب اسی پر آسان ہو گا جو دنیا میں اپنے نفس کا محاسبہ کرے گا۔ 
قرآن میں یہ ہدایت موجود ہے کہ:
وَلُتَنظُرُ نَفُسٌ مَّا قَدَّمَتُ لِغَدٍ (الحشر۔ ۵۹: ۱۸)
اور ہر نفس  کو  چاہیے کہ اچھی طرح جائزہ لے رکھے اس کا جو اس نے کل کے لیے کیا ہے۔ 
اپنا محاسبہ کرنے میں رواداری اور ڈھیل سے کام نہ لیجیے، بلکہ ایک ایک چیز پر نگاہ ڈالیے اور ہر کوتاہی اور حق تلفی کی تلافی کی کوشش کیجیے۔ اللہ تعالیٰ کے حقوق کے معاملہ میں تو توبہ و استغفار سے گناہ دھل جاتے ہیں، لیکن بندوں کے حقوق کا معاملہ بہت مشکل ہے۔ اس میں ضروری ہے کہ تا حدّ امکان اس ظلم کی تلافی کی جائے جو صادر ہوا ہے اور بندے کو بھی راضی کیا جائے اور ساتھ ہی اپنے رب سے بھی اس تعدی کی معافی مانگی جائے جس کا ارتکاب ہوا ہے۔ 

تکمیل اور تہذیب نفس

نفس کی تربیت اور خود سازی کے لیے ہمیں دو مرحلوں سے گزرنا ضروری ہے : 
1.	پہلا مرحلہ: نفس کو برائیوں سے پاک کرنا یعنی نفس کو برے اخلاق سے صاف کرنا اور گناہوں سے پرہیز کرنا اس مرحلہ کا نام تصفیہ اور تخلیہ رکھا گیا ہے۔ 
2.	دوسرا مرحلہ: تحصیل علم اور معارف حقہ فضائل اور مکارم اخلاق اور اعمال صالحہ کے ذریعے تربیت اور تکمیل کرنا اس مرحلہ کا نام تحلیہ رکھا گیا ہے یعنی نفس و روح کی پرورش اور تکمیل اور اسے زینت دینا۔ 
انسان کو انسان بنانے کے لیے دونوں مرحلوں کی ضرورت ہوتی ہے اس واسطے کہ اگر نفس و روح کی زمین برائیوں سے پاک اور منزہ نہ ہوئی تو وہ علوم اور معارف حقہ مکارم اخلاق اعمال صالحہ تربیت کی قابلیت پیدا نہیں کرے گاہ وہ نفس جو ناپاک اور شیطان کا مرکز ہو کس طرح انوار الہی کی تابش کا مرکز بن سکے گا؟ اللہ تعالی کے مقرب فرشتے کس طرح ایسی روح کی طرف آ سکیں گے ؟ اور پھر اگر ایمان اور معرفت اور فضائل اخلاق اور اعمال صالحہ نہ ہوئے تو نفس کس ذریعے سے تربیت پا کر تکامل حاصل کر سکے گا، لہذا انسان کو انسان بنانے کے لیے دونوں مرحلوں کو انجام دیا جائے ایک طرف روح کو پاک کیا جائے تو دوسری طرف نیک اعمال کی اس میں کاشت کی جائے۔ یہ دونوں مرحلے لازم اور ملزم ہیں یوں نہیں ہو سکتا کہ روح کے تصفیہ کے لیے کوشش کی جائے اور نیک اعمال کو بجا لانے کو بعد میں ڈالا جائے جس طرح یہ نہیں ہو سکتا کہ باطنی امور کی اہمیت کو نظر انداز کیا جائے اور نیک اعمال بجا لانے میں مشغول ہوا جائے بلکہ یہ دونوں ایک ہی زمانے میں بجا لائے جانے چاہئیں برائیوں اور برے اخلاق کو ترک کر دینا انسان کو اچھائیوں کے بجا لانے کی طرف بلاتا ہے اور نیک اعمال کا بجا لانا بھی گناہوں اور برے اخلاق کے ترک کر دینے کا موجب ہوتا ہے لہذا اس بحث میں ہم مجبور ہیں کہ ان دونوں مرحلوں کو ایک دوسرے سے جدا کر دیں لہذا پہلے ہم تہذیب نفس اور روح کی پاکی کو دیکھیں گے۔ 
اس مرحلے میں ہمیں تین کام انجام دینے ہوں گے۔ 
1.	باطل عقائد اور غلط افکار اور خرافات سے نفس کو پاک کرنا۔ 
2.	برے اخلاق اور رذائل سے نفس کو پاک کرنا۔ 
3.	گناہوں اور معاصی کا ترک کرنا۔ 
خرافات اور عقائد باطلہ عین جہالت اور نادانی ہوتے ہیں اور انسان کی رو ح کو تاریک کر دیتے ہیں اور صراط مستقیم اور قرب الہی اور تکامل سے منحرف کر دیتے ہیں باطل عقائد رکھنے والے تکامل کے راستے کو نہیں پہچانتے اسی واسطے گمراہی اور ضلالت کی وادی میں قدم رکھتے ہیں اور یقیناً مقصد تک نہیں پہنچتے جو روح تاریک ہو کس طرح وہ انوار الہی کی تابش کا مرکز قرار پا سکتی ہے ؟ اسی طرح برے اخلاق اور ان کے ملکات حیوانی عادات کو تقویت پہنچاتے ہیں اور انسانی روح کو آہستہ آہستہ خاموش اور تنہا ہو جانے کی طرف لے جاتے ہیں ایسا انسان انسانی غرض خلقت جو قرب الہی اور کمال تک پہنچنا ہوتا ہے کبھی نہیں پہنچے گا اسی طرح گناہوں اور معصیت کو بجا لانا انسان کی روح کو تاریک اور آلودہ کر دیتا ہے کہ جس کی وجہ سے وہ تکامل اور قرب الہی سے دور ہو جاتا ہے اور اس طرح انسان آخری غرض اور غایت تک نہیں پہنچنے پاتا۔ اسی لیے نفس کا پاک و پاکیزہ کرنا ہمارے لیے انتہائی اہم اور ضروری کام شمار ہوتا ہے لہذا ضروری ہے کہ پہلے برے اخلاق اور گناہوں کو پہچانیں اور پھر عمل کے مرحلے میں قدم رکھیں اور اپنی روح کو پاک و پاکیزہ بنائیں۔ اتفاق سے ہمیں پہلے مرحلے میں کوئی مشکل پیش نہیں آتی اس لیے کہ ارواح کے اطباء اور خدا کے بھیجے ہوئے انبیاء و رسولان عظام اور ان کے اصحاب کرام نے برے اخلاق کو بطور کامل ہمارے لیے بیان کر دیا ہے اور ان کا علاج کرنا بھی بتلا دیا ہے۔ معصیت اور نافرمانیوں کو ہمارے لیے شمار کر کے ان کا علاج بھی بیان کر دیا ہے ہم تمام برے اخلاق کو جانتے اور پہچانتے ہیں اور ان کی برائیوں سے آگاہ ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ نفاق، تکبر، حسد، کینہ پروری، غضب چغل خوری، خیانت، خود پسندی، برا چاہنا، شکایت کرنا، تہمت لگانا، برا بھلا کہنا، بد زبان ہونا، تند خوئی، ظلم، بے اعتمادی، خوف، بخل، حرص، عیب جوئی، جھوٹ بولنا، حب دنیا اور مقام اور ریاست کی محبت، ریاکاری، دھوکا دینا، حیلہ باز ہونا، برا گمان، قسی القلب ہونا، ضعف نفس اور اس طرح کی دوسری صفات بری ہیں۔ اس کے علاوہ ہم فطرت کی رو سے ان کی برائیوں کو سمجھ پاتے ہیں۔ سینکڑوں آیات و احادیث ان کی برائیوں اور قبیح ہونے کی گواہی دے رہی ہیں۔ اسی طرح تمام محرمات اور گناہوں کی وضاحت قرآن مجید اور انکی تشریح اور ان کا عذاب اور سزا احادیث میں موجود ہے۔ غالباً ہم تمام کو جانتے ہیں۔ 
 لہذا برے اخلاق اور صغیرہ اور کبیرہ گناہوں کی پہچان میں ہمیں کوئی مشکل نہیں آتی اس کے باوجود ہم غالباً شیطان اور نفس امارہ کے قیدی ہیں اور توفیق حاصل نہیں کرتے کہ اپنے نفس کو گناہوں اور برے اخلاق سے پاک کریں اور یہی اساسی مشکل ہے کہ جس کا علاج ہمیں سوچنا چاہئے۔ میری نگاہ میں اس کا مہم ترین سبب دو چیزیں ہیں۔ پہلی یہ کہ ہم اپنی اخلاقی بیماریوں کو نہیں پہچانتے اور اپنے بیمار ہونے کا اقرار نہیں کرتے اور دوسری یہ کہ ہم  اخلاقی بیماری کو معمولی قرار دیتے ہیں اور اس کے برے اور دردناک انجام سے غافل ہیں اسی لیے تو اس کے علاج کرنے میں کو شش نہیں کرتے یہی وہ دو اہم سبب ہیں کہ جنہوں نے ہمیں اپنی اصلاح اور تہذیب نفس سے غافل کر رکھا ہے۔ 

تہذیب نفس کے طریقے

1.	حفاظت قبلی: اخلاقی اصول صحت کا لحاظ اور گناہوں اور برے اخلاق سے اپنے آپ کو محفوظ رکھنا نفس کو پاک کرنے کا آسان ترین اور بہترین مرحلہ ہوا کرتا ہے جب تک نفس انسان گناہ میں آلودہ نہیں ہوا اور اس کا ارتکاب نہیں کیا تب فطری نورانیت اور صفا قطب رکھتا ہے۔ اچھے کاموں کے بجا لانے اور اچھے اخلاق سے متصف ہونے کی زیادہ قابلیت رکھتا ہے۔ 
ابھی تک اس کا نفس تاریک اور سیاہ نہیں ہوا اور شیطان نے وہاں راستہ نہیں پایا اور برائیوں کی عادت نہیں ڈالی اسی وجہ سے گناہ کے ترک کر دینے پر زیادہ آمادگی رکھتا ہے۔ جوان اور نوجوان اگر ارادہ کر لیں کہ اپنے نفس کو پاک رکھیں گے اور گناہ کے ارتکاب اور برے اخلاق سے پرہیز کریں گے تو ان کے لیے ایسا کرنا کافی حد تک آسان ہوتا ہے۔ کیونکہ ان کا یہ اقدام حفظ نفس میں آتا ہے اور حفظ نفس عادت کے ترک کرنے کی نسبت بہت زیادہ آسان ہوتا ہے لہذا جوانی اور نوجوانی بلکہ بچپن کا زمانہ نفس کے پاک رکھنے کا بہترین زمانہ ہوا کرتا ہے انسان جب تک خاص گناہ کا ارتکاب نہیں کرتا وہ گناہ کے ترک پر زیادہ آمادگی رکھتا ہے لہذا جوانوں نوجوانوں اور وہ لوگ جنہوں نے ابھی تک کسی گناہ کا ارتکاب نہیں کیا انہیں ایسی حالت کی فرصت کو غنیمت شمار کرنا چاہئے اور کوشش کریں کہ بالکل گناہ کا ارتکاب نہ کریں اور اپنے نفس کو اسی پاکیزگی اور طہارت کی حالت میں محفوظ رکھیں۔ حفاظت کرنا گناہ کے ترک کرنے سے زیادہ آسان ہوا کرتا ہے اور ضروری ہے کہ اس نقطے کی طرف متوجہہ رہیں کہ اگر گناہ کا ارتکاب کر لیا اور برے اخلاق کو اپنا لیا ور شیطان کو اپنے نفس کی طرف راستہ دے دیا تو پھر ان کے لیے گناہ کا ترک کرنا بہت مشکل ہو جائیگا۔ 
شیطان اور نفس امارہ کی کوشش ہو گی کہ ایک دو دفعہ گناہ کے انجام دینے کو اس کے لیے معمولی اور بے اہمیت قرار دے تاکہ اس حیلہ سے اپنا اثر رسوخ اس میں جما لے اور نفس کو گناہ کرنے کا عادی بنا دے لہذا جو انسان اپنی سعادت ا ور خوش بختی کی فکر میں ہے اسے چاہئے کہ حتمی طور سے نفس کی خواہشات کے سامنے مقابلہ کرے اور گناہ کے بجا لانے میں گرچہ ایک ہی مرتبہ کیوں نہ ہو اپنے آپ کو روکے رکھے۔ 
خداوند عالم قرآن میں فرماتا ہے کہ '' جو شخص اللہ تعالی کے مقام و مرتبت سے خوف کھائے اور اپنے نفس کو اس کی خواہشات سے روکے رکھے اس کی جگہ اور مقام بہشت میں ہے۔ 
2.	یکدم ترک کرنا :
اگر قبلی حفاظت کے مرحلے سے روح نکل جائے اور گناہ سے آلودہ ہو جائے تو اس وقت روح اور نفس کے پاک کرنے کی نوبت آ جائے گی روح کے پاک کرنے میں کئی ایک طریقے استعمال کئے جا سکتے ہیں لیکن سب سے بہترین طریقہ اندرونی انقلاب اور ایک دفعہ اور بالکل ترک کر دینا ہوا کرتا ہے۔ جو انسان گناہ اور برے اخلاق میں آلودہ ہو چکا ہوا ہے اسے یکدم خدا کی طرف رجوع اور توبہ کرنی چاہئے اور اپنی روح کو گناہ کی کثافت اور آلودگی سے دھونا چاہئے اور اسے پاک و پاکیزہ کرے ایک حتمی اور یقینی ارادے سے شیطان کو روح سے دور کرے اور روح کے دروازوں کو شیطان کے لیے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند کر دے اور دل کے گھر کو اللہ تعالی کے مقرب فرشتوں کے نازل ہونے اور انوار الہی کے مرکز قرار پانے کے لیے کھول دے اور ایک ہی حملہ میں نفس امارہ اور شیطان کو مغلوب کر دے اور نفس کی لگام کو مضبوط اور ہمیشہ کے لیے اپنے ہاتھ میں لیے رکھے کتنے لوگ ہیں کہ جنہوں نے اس طریقے سے اپنے نفس پر غلبہ حاصل کیا ہے اور اپنے نفس کو یکدم اور یک دفعی طریقہ سے پاک کرنے کی توفیق حاصل کر لی ہے اور پھر آخری عمر تک اسی کے پابند رہے ہیں یہ اندرونی انقلاب کبھی واعظ اور اخلاق کے پاک بنانے والے استاد کے ایک جملے یا اشارے سے پیدا ہو جاتا ہے یا ایک واقعہ غیر عادی سے کہ کسی دعا ذکر اور کی مجلس میں ایک آیت یا روایت یا چند دقیقہ فکر کرنے سے حاصل ہو جایا کرتا ہے۔ کبھی ایک معمولی واقعہ مثل ایک چنگاری کے داخل ہونے سے دل کو منور و روشن کر دیتا ہے۔ ایسے لوگ گذرے ہیں جنہیں اسی طرح سے اپنے نفس کو پاکیزہ بنانے کی توفیق حاصل ہوئی ہے اور وہ راہ خدا کے سالک قرار پائے ہیں۔ 
3.	آہستہ آہستہ ترک کرنا:
اگر ہم اپنے آپ میں اتنی طاقت اور ہمت نہیں رکھتے کہ یکدم تمام گناہوں کو ترک کر دیں تو اتنا تو مصمم ارادہ کر لیں کہ گناہوں کو آہستہ آہستہ انجام دے دیں پہلی دفعہ امتحان کے طور پر ایک گناہ یا کئی ایک گناہ کو ترک کرنا شروع کر دیں اور مصمم ارادہ کر لیں۔ اس کام کو دوام دیں کہ اس کے ترک پر اپنے نفس کو کامیاب قرار دے دیں اور ان گناہوں کا بالکل ختم کر دیں پھر یہی کام دوسرے چند ایک گناہوں کے بارے میں انجام دینا شروع کر دیں اور اس پر کامیابی حاصل کر لیں اور اسی حالت میں خوب ملتفت رہیں کہ کہیں اس ترک کئے ہوئے گناہ کو پھر سے انجام نہ دے دیں اور یہ واضح ہے کہ ہر گناہ یا چند گناہوں کے ترک کرنے پر نفس امارہ اور شیطان کمزور ہوتا جائے گا۔ جس گناہ کا سیاہ نقطہ نفس سے دور ہو گا اتنی مقدار وہاں نورانیت اور سفیدی زیادہ ہو جائے گی اسی طریقے سے گناہوں کے ترک کو برابر انجام دیتے جائیں تو پھر بطور کامل نفس پاک ہو جائے گا اور نفس کو اس کے نفسانی خواہشات پر قابو پانے اور فتح حاصل کرنے کی پوری طرح کامیابی حاصل ہو جائے گی اور ممکن ہے کہ اسی دوران ایک ایسے مرتبے تک پہنچ جائیں کہ تمام گناہوں کو یکدم ترک کرنے کی طاقت اور قدرت پیدا کر لیں ایسی صورت میں ایسی قیمتی فرصت سے استفادہ کرنا چاہئے اور یکدم تمام گناہوں کو ترک کر دینا چاہئے اور شیطان اور نفس امارہ کو باہر پھینک ڈالنے پر قابو پا لینا چاہئے اور نفس کے گھر کو خدا اور اس کے فرشتوں کے لیے مخصوص کر لینا چاہئے اگر اس کے لیے کوشش کریں تو یقیناً اس پر کامیاب ہو جائیں گے۔ ۔ نفس کے ساتھ جنگ بعینہ دشمن کے ساتھ جنگ کرنے جیسا ہوتا ہے۔ دشمن سے جنگ کرنے والا ہر وقت دشمن پر نگاہ رکھے اپنی طاقت کو دشمن کی طاقت سے موازنہ کرے اور اپنی طاقت کو قوی کرنے میں لگا رہے اور فرصت ملتے ہی ممکن طریقے سے دشمن پر حملہ کر دے اور اس کی فوج کو ہلاک کر دے یا اپنے ملک سے باہر نکال دے۔ 
	وہ کام جو نفس کے پاک کرنے میں مدد دیتے ہیں : 
قاعدتا اپنے نفس کو پاک کرنے اور برے اخلاق سے جہاد کرنے کے لیے مندرجہ ذیل کاموں کو ہمیں انجام دینا ہو گا۔ 
•	برے اخلاق اور نفس کی خواہش کا کبھی اثبات میں جواب نہ دیں یعنی جو نفس چاہتا جائے ہم اسے بجالاتے جائیں ایسا نہ کریں تا کہ اس کا بیج اور جڑ آہستہ آہستہ خشک ہو جائے۔ 
•	نیک صفت جو بری صفت کی ضد ہے اسے قوی بنائیں اور نفس کو اس پر عمل کرنے کے لیے مجبور کریں تا کہ وہ آہستہ آہستہ اس کی عادت ڈال لے اور وہ اس کی عادت اور ملکہ بن جائے اور بری صفت کو بیخ سے اکھاڑ ڈالے۔ 
•	اللہ تعالی کی کرامت کی طرف توجہ کرے اور انسانی اقدار کو قوی بنائے۔ 
•	برے دستوں سے قطع تعلق کریں۔ 
انسان ہمیشہ دوسروں سے اثر قبول کرتا ہے اور دوسروں کی تقلید اور پیروی کرتا ہے۔ بہت سی صفات اور اداب اور کردار اور رفتار کو دوسرے ان انسانوں سے لیتا ہے کہ جن کے ساتھ بود و باش اور ارتباط رکھتا ہے۔ در حقیقت ان کے رنگ میں رنگا جاتا ہے بالخصوص دوستوں اور میل جول رکھنے والوں سے زیادہ اثر لیتا ہے جو اس کے زیادہ نزدیک ہوتے ہیں۔ بد اخلاق اور فاسد لوگوں کے ساتھ دوستی انسان کو فساد اور بد اخلاقی کی طرف لے جاتی ہے۔ انسان کی ایک خاصیت یہ ہے کہ وہ اپنے آپ کو دوسروں کی طرح بناتا ہے اگر کسی کے ہم نشین بد اخلاق اور گناہگار ہوں تو وہ ان کے برے اخلاق اور گناہ سے انس پیدا کر لیتا ہے اور صرف ان کی برائی کو برائی نہیں سمجھتا بلکہ وہ اس کی نگاہ میں اچھائی بھی معلوم ہونے لگتی ہے اس کے برعکس اگر ہم نشین خوش اخلاق اور نیک ہوں تو انسان ان کے اچھے اخلاق اور کردار سے مانوس ہو جاتا ہے اور اس کا دل چاہتا ہے کہ وہ خود بھی اپنے آپ کو انہیں کی طرح بنائے لہذا اچھا دوست اللہ تعالی کی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور انسان کی ترقی اور کمال تک پہنچنے کا بہت اچھا کارآمد اور سعادت آور شمار ہوتا ہے ۔ اس کے برعکس برا دوست انسان کی بدبختی اور راستے سے ہٹنے اور مصائب کا موجب ہوتا ہے لہذا دوست کے انتخاب اور اختیار کرنے کو ایک معمولی کام اور بے اہمیت شمار نہیں کرنا چاہئے بلکہ اسے ایک اہم اور عاقبت ساز کام شمار کرنا چاہئے کیونکہ برا گناہگار دوست برے کاموں کو بھی اچھا بتلاتا ہے اور چاہتا ہے کہ اس کے دوست بھی اسی کی طرح ہو جائیں برا دوست نہ دنیا میں کسی کی مدد کرتا ہے اور نہ آخرت کے امور میں مدد کرتا ہے اس کے پاس آنا جانا بے عزتی اور رسوائی کا موجب ہوتا ہے۔ 
لہذا جو انسان اپنے نفس کو پاک کرنا چاہتا ہے اگر اس کے برے دوست ہیں تو ان سے میل جول فوراً ترک کر دے کیونکہ برے دوست رکھتے ہوئے گناہوں کا چھوڑنا بہت مشکل ہے برے دوست انسان کے اپنے نفس کو پاک کرنے کے ارادے کو سست کر دیتے ہیں اور اسے گناہ اور فساد کی طرف راغب کرتے ہیں گناہ کرنا بھی ایک عادت ہے اور یہ اس صورت میں چھوڑی جا سکتی ہے جب دوسرے عادت رکھنے والوں سے میل جول ترک کر دے۔ 
•	لغزش کے مقامات سے دور رہیں۔ 
نفس جو جسم کے حکم ماننے کا مرکز ہے وہ ہمیشہ بدلتا اور دگرگوں ہوتا رہتا ہے۔ دنیا میں رونما ہونے والے واقعات سے متاثر ہوتا ہے۔ انسان مجالس اور محافل اور عبادات اور احسان نیک کاموں کے ماحول میں جانے سے اچھے کاموں کے بجا لانے کی طرف مائل ہوتا ہے برعکس فسق و فجور اور گناہ کے مراکز اور محافل میں جانے سے انسان گناہ کی طرف لے جایا جاتا ہے۔ 
لہذا جو لوگ اپنے نفس کو پاک کرنے اور گناہوں کے ترک کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی آنکھوں کانوں کو شہوت انگیز اور خرابی و فساد اور گناہوں کے محافل اور مراکز سے دور رکھیں اور اس طرح کی محافل اور اجتماع میں شریک نہ ہوں اور اس طرح کے لوگوں کے ساتھ میل جول اور دوستی نہ رکھیں اگر انسان نہیں کریں گے تو پھر ہمیشہ کے لیے گناہ اور خطا اور لغزش کے میدان میں واقع ہوتے رہیں گے اس لیے تو اسلام نے حرام کے اجتماع اور محافل جیسے جوئے بازی شراب و غیرہ میں شریک ہونے سے روکا ہے۔ اسلام چاہتا ہے کہ ماحول گناہوں کے ترک کر دینے اور نفس کو پاک کرنے کے لیے سازگار ہو اس کے علاوہ کسی اور صورت میں نفس امارہ پر کنٹرول کرنا غیر ممکن ہے کیونکہ فاسد ماحول انسان کو فساد کی طرف لے جاتا ہے یہاں تک کہ صرف گناہ کی فکر اور سوچ بھی انسان کو گناہ کی طرف بلاتی ہے لہذا اسلام ہمیں کہتا ہے کہ گناہ کی فکر اور سوچ کو بھی اپنے دماغ میں راستہ نہ دو۔ 
•	وقت کی قدر  کریں۔ 
وقت، اللہ تعالی کی ایک ایسی نعمت ہے جو امیر و غریب، عالم و جاہل اور چھوٹے بڑے کو یکساں ملی ہوئی ہے۔ غور سے دیکھا جائے تو انسان کی زندگی وقت کے علاوہ کسی چیز کا نام نہیں ہے۔ دنیا کی ہر دولت کو کھونے کے بعد بھی اس بات کا امکان رہتا ہے کہ انسان اُسے دوبارہ پالے بلکہ بسا اوقات اُس سے بھی زیادہ حاصل کر سکتا ہے لیکن وقت ایک ایسی دولت ہے کہ دنیا کا بڑے سے بڑا بادشاہ بھی اس کا ایک لمحہ کسی قیمت پر واپس نہیں لا سکتا۔ 
حدیث شریف میں ہے : 
‘‘دو نعمتیں ایسی ہیں جن کے متعلق اکثر لوگ خسارے میں رہتے ہیں۔ صحت اور فراغت’’
انسان کتنا ہی دانا و حکیم ہو وہ اپنے اخلاق کو اُس وقت تک بہتر نہیں بنا سکتا جب تک اپنی فرصت کے ہر لمحہ کو کا م میں نہ لائے۔ 
بہت بڑا نقصان اور خسارا جو بے کاری اور وقت کے ضیاع سے ہوتا ہے وہ یہ ہے کہ بیکار آدمی کے خیالات ناپاک اور زبوں ہو جاتے ہیں اور وہ طرح طرح کے جسمانی و روحانی عوارض میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ حرص و لالچ، ظلم و ستم، جوا، زنا اور شراب نوشی عموماً وہی لوگ کرتے ہیں جو معطل اور بے کار رہتے ہیں۔ جب تک انسان کی طبیعت اور دل و دماغ نیک اور مفید کام میں مصروف نہ ہو گا اس کا رجحان گناہ کی طر ف رہے گا۔ پس انسان اسی وقت صحیح انسان بن سکتا ہے جب وہ اپنے وقت پر نگران رہے، ایک لمحہ بھی فضول نہ کھوئے، ہر کام کے لیے ایک وقت اور ہر وقت کے لیے ایک کام مقرر کر دے۔ 

بیماری سے غفلت

ہم غالباً اخلاقی بیماریوں کو پہچانتے ہیں اور ان کے برے ہونے کو بھی جانتے ہیں لیکن یہ صرف دوسروں میں نہ اپنے وجود میں۔ اگر ہم کسی دوسرے میں برے اخلاق اور برے رفتار کو دیکھیں تو اس کی برائی کو اچھی طرح جان لیتے ہیں ہو سکتا ہے کہ وہی بری صفت بلکہ اس سے بدتر ہم میں موجود ہو تو اس کی طرف ہم بالکل متوجہ نہیں ہوتے مثلاً دوسرے کے حقوق کو ضائع کرنا برا سمجھتے ہیں اور اس کے بجا لانے والے سے نفرت کرتے ہیں ہو سکتا ہے کہ ہم خود دوسروں کے حقوق ضائع کر رہے ہوں لیکن اسے بالکل نہیں سمجھتے بلکہ اپنے کام کو تو دوسرے کے حقوق کو ضائع کرنا ہی نہیں جانتے بلکہ ہو سکتا ہے کہ اپنے ایسے کام کو ایک اپنی نگاہ میں بہت عمدہ اور اخلاقی قدر والا گر دانتا ہو اسی طریقے سے اپنے نفس کو مطمئن کر دیتے ہیں یہی حال دوسرے بری صفات کا بھی ہو سکتا ہے یہی تو وجہ ہوتی ہے کہ ہم اپنی کبھی اصلاح کرنے کی فکر میں نہیں جاتے کیونکہ اگر بیمار اپنے آپ کو بیمار نہ سمجھے تو وہ علاج کرنے کی فکر میں نہیں جاتا اور چونکہ ہم اپنے آپ کو بیمار نہیں سمجھتے لہذا اس کے علاج کرنے کے درپے بھی نہیں ہوتے ہماری سب سے بڑی مصیبت اور مشکل یہی ہے۔ لہذا اگر ہم اپنی سعادت کی فکر میں جائیں تو اس مشکل کا حل ہمیں تلاش کرنا ہو گا اور جس ذریعے سے بھی ممکن ہو ہمیں اپنی نفسانی بیماریوں کے پہچاننے میں کوشش کرنی چاہئے۔ 

نفس کی بیماریوں کے تشخیص کے طریقے 

بہتر ہو گا کہ نفس کی مختلف بیماریوں کی پہچان میں ان وسائل سے کہ جن سے ممکن ہے استفادہ کیا جائے یہاں چند ایک کی طرف اشارہ کیا جاتا ہے۔ 
1.	تقویت عقل: انسان کا اعلی مرتبہ اور اس کے وجود کا کامل ترین امتیاز جو انسان کے لیے تمام مخلوقات سے امتیاز دینے کا منشا اور مبدا ہے وہ اس کی عقل ہے۔ 
انسان عقل کے ذریعے فکر کرتا ہے اور حقائق کو معلوم کرتا ہے اچھائی اور برائی فائدہ مند اور ضرر رساں ذمہ داریوں کی تشخیص کرتا ہے اگر انسان کے پاس عقل نہ ہوتی تو اس کے اور حیوانات کے درمیان کوئی فرق نہ ہوتا اسی لیے خداوند عالم نے قرآن کریم میں تعقل اور تفکر اور تامل اور تفقہ پر زور دیا ہے اور انسان سے چاہتا ہے کہ اپنی عقل کو اپنے آپ میں کام میں لائے۔ 
انسان میں جتنی اچھائی ہے وہ عقل سے ہے، عقل سے خدا کو پہچانتا ہے اور اس کی عبادت کرتا ہے اور قیامت کو قبول کرتا ہے اور اس کے لیے مہیا ہوتا ہے۔ پیغمبروں کو قبول کرتا ہے اور ان کی اطاعت کرتا ہے۔ اچھے اخلاق کو پہچانتا ہے اور اپنے آپ کو ان میں ڈھالتا ہے برائیوں کو پہچانتا ہے اور ان سے پرہیز کرتا ہے۔ اسی درجہ سے قرآن اور احادیث میں عقل کی عظمت اور جلالت بیان کی گئی ہے۔ 
لہذا عقل کو قوی کیا جائے کیونکہ عقل جتنی طاقت ور اور نافذ ہو گی وہ داخلی دشمنوں کو بہتر پہچانے گی اور ان پر تسلط حاصل کرنے اور انہیں دبانے پر زیادہ قادر ہو گی۔ 
2.	عمل سے پہلے فکر غور و فکر: کسی کام کو انجام دینے سے پہلے ہمیں سوچنا چاہیئے اور اس کام کے نتائج اور آثار اور دنیاوی اخروی اثرات کو خوب دیکھنا چاہئیے اور یہ عہد کر لیں کہ کسی کام کو بھی اس کی عاقبت اندیشی سے پہلے انجام نہ دیں۔ 
حیوانات اپنے کاموں میں غرائز اور حیوانی خواہشات کی پیروی کرتے ہیں اور غور اور فکر نہیں رکھتے لیکن انسان چونکہ اس کے پاس عقل ہے لہذا اسے پہلے کاموں میں غور و فکر کرنا چاہئے اور اسے عاقبت اندیش ہونا چاہئے اگرچہ انسان بھی وہی حیوانی غرائز اور خواہشات رکھتا ہے اسی وجہ سے جب کسی حیوانی خواہش کا طالب ہوتا ہے تو فوراً اس کے بجا لانے میں دوڑتا ہے اور اس کی حیوانی خواہش اور غریزہ اسے غور و فکر کی مہلت نہیں دیتی کہ کہیں عقل اس میدان میں نہ آ جائے اور اس کی حیوانی خواہش کے لیے سد راہ نہ بن جائے لہذا اگر ہم اپنے آپ میں یہ عادت ڈال لیں  کہ ہر قدم اٹھانے سے پہلے اس میں خوب غور اور فکر کر یں تو خواہش اور تمایلات میں اعتدال پیدا ہو جائے گا۔  
3.	نفس کے متعلق بد بینی: اگر انسان اپنے اندر کو دیکھے اور اپنی نفسانی صفات کو انصاف کی نگاہ سے تو لے تو پھر وہ اپنی نفسانی بیماریوں اور عیوب سے آگاہ ہو جائے گا کیونکہ انسان سب سے زیادہ اس سے آگاہ ہے (یعنی اپنے اندر نیکی اور بدی کے وجود کو سب سے زیادہ سمجھتا ہے لیکن عذر پیش کر کے اپنی بصیرت کی آنکھ پر ڈالا  رہتا ہے۔ )
لیکن ہم میں سب سے بڑی مشکل اور مصیبت یہ ہے کہ ہم فیصلے اور حکم دینے میں غیر جانبدار نہیں رہتے بلکہ اکثر اوقات ہم اپنے بارے میں خوش بین اور خود پسند ہوتے ہیں ہم اپنے آپ کو اور اپنے افعال اور صفات اور گفتار کو اچھا اور بلا عیب سمجھتے ہیں۔ انسانی نفس امارہ ہمارے حیوانی کاموں کو ہمارے سامنے ایسا خوشنما بناتا ہے کہ ہم اپنے برے کاموں کو بھی اچھا سمجھنے لگ جاتے ہیں۔ 
اسی لیے ہم اپنے عیبوں کو نہیں دیکھ پاتے تا کہ ان کی اصلاح کی کوشش کریں، اس مشکل کا حل یہ ہے کہ ہم ہمیشہ اپنے نفس پر بد گمان اور بد بین رہیں اور یہ احتمال دیں بلکہ یقین کریں ہم بہت سی برائیوں اور بیماریوں میں گرفتار ہیں ایسی حالت میں ہم اپنے نفس کے بارے میں سوچیں اور بطور انصاف اپنے آپ کو ٹٹولیں تو اس وقت ہم اپنی بیماریوں کو بھی پہچان لیں گے اور ان کی اصلاح بھی کریں گے ۔
4.	روحانی طبیب کی طرف رجوع: انسان کا اپنے عیبوں کو پہچاننے کے لیے ایک ایسا اخلاق کے عالم کی طرف کہ جس نے اپنے نفس کی تہذیب کر رکھی ہو اور اچھے اخلاق سے متصف ہو چکا ہو رجوع کرنا چاہئے اپنے اندرونی صفات اور احوال کو بطور کامل اس کے سامنے بیان کرنا چاہئے اور اس عالم سے خواہش کرے کہ وہ اس کے نفسانی عیوب اور برے صفات سے اسے آگاہ کرے۔ 
ایک روحانی طبیب جو اسلامی اخلاقی اور نفسیات کو جانتا ہو اور خود عامل اور مکارم اخلاق کا پابند ہو وہ تہذیب نفس اور سیر و سلوک کے راستے بتلانے کے لیے بہت ہی اہمیت رکھتا ہے اور موثر ہوا کرتا ہے اگر انسان اس قسم کا آدمی پیدا کر لے تو اسے خداوند عالم کا اس بزرگ نعمت پر شکریہ ادا کرنا چاہئے لیکن صد افسوس کہ اس قسم کے آدمی بہت کمیاب ہیں۔ قابل توجہ یہ بات ہے کہ روح کی بیماریوں کی تشخیص کرنا بہت مشکل ہے لہذا بیمار پر فرض ہے کہ اپنی اندرونی صفات اور افعال کو بغیر چھپائے روحانی طبیب کے سامنے وضاحت سے بیان کر دے تا کہ وہ اس کی بیماری کی تشخیص کر سکے اور اگر بیمار نے اس بارے میں روحانی طبیب کی مدد نہ کی اور واقعات کے اظہار میں پس و پیش کیا تو وہ اس مطلوبہ نتیجہ تک نہیں پہنچ سکے گا۔ 
5.	دانا دوست کی طرف رجوع: اچھا اور دانا اور خیر خواہ دوست اللہ تعالی کی ایک بہت بڑی نعمت ہوتا ہے جو تہذیب نفس اور بری صفات کے پہچان کے راستے میں انسان کی مدد کر سکتا ہے۔ بشرطیکہ وہ دانا ہو اور بری اور اچھی صفات کو پہچانتا ہو اس کے علاوہ وہ خیر خواہ اور مورد اعتماد بھی ہو اس لیے کہ اگر وہ اچھی اور بری صفات کو نہ پہچانتا ہو تو وہ اس کے متعلق اس کی مدد نہیں کر سکے گا اور اگر وہ مورد اعتماد اور خیر خواہ نہ ہوا تو ممکن ہے کہ وہ دوستی کی حفاظت اور ناراضگی کے مول نہ لینے کی وجہ سے اپنے دوست کے عیب کو چھپا لے بلکہ ممکن ہے کہ وہ خوشامد کرتے ہوئے اس کے عیب کو اس کے سامنے اچھا بیان کرے اور اس عیب پر اس کی تعریف اور تمجید شروع کر دے اگر کوئی اس قسم کا دوست پیدا کرے اور اس سے خواہش کرے کہ جو نقص اور عیب اس میں دیکھے اسے اس کا تذکرہ کر دے تو اسے اس کی یاد دہانی اور تذکر پر اس کی عزت اور قدردانی کرنی چاہئیے۔ 
اپنے نفس کی اصلاح کے لیے ایسے دوست سے استفادہ کرنا چاہئے اس کے تذکرات سے استفادہ اور اس کی عزت اور قدردانی پر اسے یہ باور کرائے کہ اس کے عیب بیان کرنے پر نہ صرف اسے برا معلوم نہیں ہوتا بلکہ اس سے وہ خوشحال بھی ہو جاتا ہے، اس دوست پر کہ جسے خیرخواہ قرار دیا گیا ہے ضروری ہے کہ وہ بھی اپنے اخلاص اور صداقت کو عملی طور پر ثابت کرے، بطور انصاف اور بغیر محبت اور بغض کے دوست کے صفات کو پر کھے اور اس بارے جو اس کا نظریہ ہوا سے وہ خیرخواہی اور دوستانہ زبان میں اسے بتلائے اور جہاں تک ہو سکے یہ اسے تنہائی اور مخفی طور سے بتلائے اور اس کے عیب کو لوگوں کے سامنے اظہار کرنے سے پرہیز کرے اس کی غرض واقع کا بتلانا ہو اور مبالغہ آمیزی سے پرہیز کرے کیونکہ وہ اپنے مومن بھائی کے لیے بطور آئینہ ہوتا ہے جو خوبیوں اور اچھائیوں کو بغیر کم اور زیادہ کے ظاہر کرتا ہے۔ البتہ ایسے مہربان اور اصلاح طلب دوست جو انسان کے عیوب کو اصلاح کے لیے بیان کر دیں بہت ہی کمیاب ہوتے ہیں۔ لیکن اگر کسی کو ایسا دوست مل جائے تو وہ ایک بہت بڑی سعادت پر فائز ہوتا جائے گا اسے اس کی قدر پہچاننی چاہئے اور اس کی یاد دہانیوں پر خوش ہونا چاہئے اس کے شکریہ کا اظہار کرنا چاہیئے۔ 
6.	دوسروں کے عیب سے عبرت: انسان غالباً اپنے عیب سے غافل ہوتا ہے لیکن دوسروں کے عیب کو دیکھتا ہے اور اس کی برائی کو خوب سمجھتا ہے اور مثال مشہور ہے کہ دوسروں کی آنکھ میں تنکا دیکھتا ہے اور اسے پہاڑ سمجھتا ہے لیکن پہاڑ کو اپنی آنکھ میں نہیں دیکھتا لہذا ایک راستہ اپنے نفسانی عیوب کی پہچان کا دوسروں کے عیوب کو دیکھنا ہے۔ جب کسی عیب کو دوسروں میں دیکھے تو اس پر اعتراض کرنے سے پہلے اسے اپنے میں ڈھونڈے اور اپنے آپ میں اسے مورد تفتیش قرار دے اور اپنے آپ میں رجوع کرے اگر وہی عیب اس میں موجود ہو تو اس کی اصلاح کرنے کی سعی اور کوشش کرے۔ لہذا ہو سکتا ہے کہ دوسروں کے عیب سے نصیحت حاصل کرے اور اپنے نفس کو اس سے پاک کر لے  نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ'' وہ سعادت مند انسان ہے جو دوسروں سے نصیحت حاصل کرے۔ ’’
7.	تنقید سے  نصیحت: دوست اکثر عیب کے ذکر کرنے سے اجتناب کرتے ہیں اس کے بر عکس دشمن اکثر عیب پر اعتراض اور تنقید کرتے ہیں اگرچہ وہ اعتراض کرنے میں مخلص نہیں ہوتے بلکہ حسد بغض انتقام لینے کی غرض انہیں تنقید کرنے پر ابھارتی ہے بہر حال انسان اپنے دشمنوں کے اعتراض اور تنقید اور عیب جوئی  سے استفادہ کر سکتا ہے انسان اپنے دشمنوں کے اعتراض سے دو طریق میں سے کسی ایک سے روبرو ہو سکتا ہے پہلے یا تو وہ اپنے آپ کو ان اعتراضات سے دفاع کرنے پر آمادہ ہو جاتا ہے کیونکہ وہ عیب جوئی دشمن سے ظاہر ہوتی ہے اور وہ اس کے بیان کرنے میں اچھائی کی نیت نہیں رکھتا لہذا جس طرح سے بھی ہو وہ اپنے لیے دفاع کی حالت پر آمادہ ہو جاتا ہے اور اس کی اس طرح کی آواز کو خاموش کرنے کے در پے ہوتا ہے اس طرح کا انسان نہ فقط اپنے عیب کی اصلاح نہیں کرتا بلکہ اس سے بڑھ کر دوسری غلطی اور خطا اور اشتباہ میں اپنے آپ کو گرفتار کر لیتا ہے دوسرے وہ دشمنوں کے اعتراضات کو اچھی طرح سے سنتا ہے اور پھر حقیقت شناسی کی نیت سے اپنے آپ میں رجوع کرتا ہے اور بطور انصاف اس اعتراض کی تحقیق کرتا ہے اگر اس نے دیکھا کہ دشمن کا اعتراض درست ہے اور اس کا نفس معیوب ہے تو فوراً اس کی اصلاح کرنے کی کوشش کرتا ہے بلکہ اگر مصلحت کا تقاضا ہو کہ ایسے دشمن سے کہ جس نے اس کا عیب بیان کیا ہے اور وہ اس کے نفس کے پاک کرنے کا وسیلہ بنا ہے شکریہ ادا کرے ایسا دشمن اس لحاظ کرنے والے دوست سے کہ جو اس کے عیب کو چھپاتا ہے اور اس کی اس عیب پر تعریف کرتے ہوئے چاپلوسی کر کے اسے جہالت اور نادانی میں رکھے رہتا ہے بہت زیادہ بہتر اور مفید ہو گا اور اگر اس نے سوچ و بچار کے بعد دیکھا کہ دشمن کا بیان کردہ عیب اس میں موجود نہیں ہے تو پھر خدا کا شکریہ ادا کرے اور اپنے نفس کی حفاظت کرے کہ کہیں اس برے عیب میں بعد میں مبتلا نہ ہو جائے اس صورت میں انسان ایسے دشمن سے فائدہ اٹھائے لیکن اس کا اس طرح کرنا اس سے مانع نہیں ہو گا کہ وہ عقلی اور شرعی طریقے سے دشمن کی سازش اور خیانت کے نقشے کو ناکام بنا دے۔ 
8.	روح کی بیماریوں کی علامتیں : بیماری کی پہچان کا ایک بہترین طریقہ اس کی علامتوں سے ہوا کرتا ہے۔ جسم کی بیماری دو میں سے ایک طریقے سے پہچانی جاتی ہے یا تو درد کے محسوس کرنے سے اور یا کسی عضو کے اس کام کے انجام دینے سے کمزور پڑ جانے سے جو اس کے ذمہ قرار پایا ہے کیونکہ بدن کے نظام کے برقرار رہنے میں اس کے ہر عضو کا مخصوص عمل ہوا کرتا ہے اگر کوئی عضو اس کام کے انجام دینے میں کمزور ہو جائے تو معلوم ہو جائے گا کہ وہ عضو مریض ہو گیا ہے مثلاً آنکھ اگر سالم ہو تو وہ خاص شرائط کے ساتھ دیکھتی ہے پس اگر شرائط کے ہوتے ہوئے یا تو بالکل نہ دیکھے یا اچھی طرح نہ دیکھے تو معلوم ہو جائے گا کہ وہ بیمار ہے اسی طرح بدن کے بقیہ تمام اعضاء اور جوارح مثل کان، زبان، ہاتھ، پاؤں، دل، جگر، گردے وغیرہ ان میں سے ہر ایک کا ایک مخصوص کام ہوا کرتا ہے کہ جسے وہ سلامتی کی حالت میں انجام دیتے ہیں اگر انہوں نے وہ مخصوص کام انجام نہ دیئے تو معلوم ہو جائے گا کہ وہ بیمار ہیں انسان کی روح اور نفس بھی اسی طرح ہے کہ اس کے لیے فطرت اور خلقت کے لحاظ سے مخصوص کام قرار دیئے گئے ہیں جنہیں اس کو بجا لانے ہوتے ہیں۔ علم، رحمت، قوت، احسان، انصاف پسندی، محبت، معرفت، نورانیت اور دوسرے کمالات اور مکارم اخلاق سے اسے انسیت حاصل ہے اور ان سے مربوط ہے یہ فطرت کے لحاظ سے علت کو معلوم کرتی ہے اور خدا طلب ہے ایمان اور خدا کی طرف توجہ اور اس ذات سے محبت اور تعلق  اس کی عبادت اور اس سے دعا اور راز و نیاز روح کی سلامتی اور صحت کی علامتیں ہیں۔ اسی طرح علم و دانش اور اللہ کے بندوں کی رضا الہی کے لیے خدمت، قربانی اور ایثار، عدالت خواہی اور دوسرے مکارم اخلاق روح کی صحت اور سلامتی کی علامتیں شمار ہوتی ہیں اگر انسان اس قسم کی صفات اپنے میں موجود پائے تو معلوم ہو جائے گا کہ اس کی روح سالم اور صحیح ہے اور اگر اسے حاصل ہو کہ وہ خدا کی طرف توجہ نہیں رکھتا اور عبادت اور دعا اور مناجات سے لذت حاصل نہیں کرتا اور اس سے بھاگتا ہے خدا کو دوست نہیں رکھتا اور صرف مقام اور مرتبہ جاہ و جلال دولت اور ثروت اور اولاد اور بیوی شہوت رانی اور لذات حیوانی کو اللہ کی رضا پر ترجیح دیتا ہے اور زندگی سے صرف منافع شخصی کا ہدف رکھتا ہے اور فدا کاری اور قربانی اور ایثار اور احسان اور خدمت خلق سے لذت حاصل نہیں کرتا اور دوسروں کے درد اور مصیبت سے دردناک نہیں ہوتا ایسے شخص کو جان لینا چاہئے کہ اس کی روح واقعاً بیمار ہے اگر وہ اپنی سعادت کو چاہتا ہے تو اسے بہت جلدی اپنی روح کی اصلاح اور علاج کرنا چاہئے۔ 

علاج کرنے کا مصمم ارادہ:

جب ہم نے نفس اور روح کی بیماریوں کو پہچان لیا اور یقین کر لیا کہ ہم بیمار ہیں تو ہمیں فوراً علاج شروع کرنا چاہئے اور سب سے اہم اس مرحلہ میں انسان کا ارادہ اور عزم ہے اگر واقعاً ہم چاہئیں اور حتمی ارادہ کر لیں کہ ہم اپنے آپ کو برائیوں اور برے اخلاق سے اپنی روح کو پاک کریں گے تو ایسا کر سکتے ہیں لیکن اگر اس کو معمولی شمار کریں اور ارادہ اور عزم نہ کریں تو پھر روح کی سلامتی اور اس کام صحیح ہو جانا غیر ممکن ہو گا یہ وہ وقت ہے کہ شیطان اور نفس امارہ اپنا کام کرنا شروع کر دیتا ہے اور مختلف بہانوں کو سامنے لاتا ہے تا کہ ہمیں روح کی اصلاح کرنے سے روکے رکھے لیکن ہمیں بہت زیادہ ہوشیار ہونا چاہئے تا کہ اس کے حیلے اور بہانوں کا فریب نہ کھائیں۔ ممکن ہے کہ ہماری بری عادت کو یوں بتلایا جائے کہ تمھیں لوگوں کے ساتھ زندگی بسر کرنی ہے دوسرے بھی ایسی صفت رکھتے ہیں۔ فلان ف کو دیکھو اسی صفت بلکہ اس سے بدتر صفت رکھتا ہے کیا تم تنہا زندگی گذار سکتے ہو؟ اگر تو چاہتا ہے کہ رسوائے زمانہ نہ ہو تو زمانے کی طرح چال چلو۔ لیکن انسان کو اس فریب اور دھوکے کے سامنے ڈٹ جانا ہو گا۔ اگر دوسرے اس مرض میں مبتلا ہیں تو ان کا مجھ سے کیا ربط ہے کسی دوسروں کا اس بیماری میں گرفتار ہو جانا میرے اس کے ارتکاب کا جواز نہیں بنتا۔ اسے یوں کہنا ہو گا کہ یہ عیب اور بیماری تو مجھ میں موجود ہے اگر میں اس بیماری کے ساتھ مرگیا تو ہمیشہ بدبختی اور شقاوت میں جا پڑوں گا۔ لہذا مجھے اس کا علاج کرنا چاہئے اور اپنے نفس کو اس سے پاک کرنا ہو گا۔ 
ممکن ہے کبھی اور حیلے کے ذریعے سے کہ جس سے وقت گذرتا جائے اور تاخیر ہو جائے شیطان میدان میں آ جائے اور ہمارے ارادہ کو منصرف کر دے اور یوں خیال میں لائے کہ یہ تو ٹھیک ہے کہ یہ عیب تو تجھ میں موجود ہے اور اس کی اصلاح بھی کرنی چاہئے لیکن اتنی جلدی کیا ہے ؟ رہنے دو میں فلان کام انجام دے لوں، اس وقت فارغ البال ہو کر نفس کے پاک کرنے میں مشغول ہو جاؤں گا۔ ابھی تو میں جوان ہوں اور عیش کرنے کا زمانہ ہے جب بوڑھا پے میں جاؤں گا تو پھر توبہ کر لوں گا اور نفس کے پاک کرنے میں مشغول ہو جاؤں گا۔ انسان کو متوجہ رہنا چاہئے کہ یہ بھی شیطان کا ایک فریب اور حیلہ ہے۔ کیا معلوم کہ اس وقت تک انسان زندہ رہے گا؟ شاید اس سے پہلے مر جائے اور انہیں نفسانی بیماریوں میں فوت ہو جائے اس وقت ہمارا انجام کیا ہو گا؟ اور بالغرض اس وقت تک زندہ بھی رہ جائے تو کیا اس وقت شیطان اپنی حیلہ گری اور فریب دینے کو چھوڑ دے گا۔ اور ہمیں آزاد چھوڑ دے گا تا کہ اپنے نفس کو پاک کر سکیں اس وقت شیطان کوئی اور فریب دے کر نفس کے پاک کرنے سے ہمیں روک دے گا لہذا کتنا ہی اچھا ہے کہ ابھی سے نفس کے پاک کرنے میں شروع ہوا جائے اور نفس امارہ پر قابو پایا جائے۔ اور اپنے نفس کو پاک کرنے میں کوشش کرنے چاہئے اگر گناہ اور بری عادت کا چھوڑنا ممکن نہ ہوتا تو یہ سارے حکم جو نبی کریم ﷺ کے اس بارے میں آئے ہیں تو ان سے صادر نہ ہوتے، توبہ کا دروازہ ہمیشہ کے لیے کھلا ہوا ہے لہذا حتمی ارادہ کر لینا چاہئے اور روح کے پاک کرنے میں مشغول ہو جانا چاہئے۔ 
ہمیں ہمیشہ ان بیماریوں کے انجام کی طرف جو پہلے بیان کی جاچکی ہیں متوجہ رہنا چاہئے اس کے ساتھ احادیث اور اخلاق کی کتابوں کے مطالعہ سے ان نفسانی بیماریوں اور ان کی اخروی سزا اور عقاب کو مورد توجہ قرار دینا چاہئے اس ذریعے سے ہمیں نفس امارہ کے حیلے اور بہانے اور نفس امارہ کے توہمات کا مقابلہ کرنا چاہئے اور نفس کی اصلاح اور اسے پاک کرنے میں حتمی اور جزمی ارادہ کر لینا چاہئے اگر ہم نے ارادے کا مرحلہ طے کر لیا تو پھر عمل کرنے کا مرحلہ قریب تر ہو جائے گا۔ 

علاج 

بلاشبہ نبی کریم ﷺ نفوس کے طبیب ہیں۔ ہمارے درد اور اس کے علاج کو خوب جانتے ہیں اور ایسے قرآن کو لائے جو ہمارے باطنی درد کے لیے شفا دینے کا ضابطہ ہے۔ اس کے علاوہ کئی اقسام کی باطنی بیماریوں اور ان کے علاج نبی کریم ﷺ اور ان کے اصحاب کرام نے واضح کیا ہے اور وہ حدیث کی شکل میں ہمارے سامنے ہیں۔ 
علاوہ ازیں نفس کے پاک بنانے اور اس کی اصلاح کرنے کی ذمہ دار ی خود انسان پر ہے۔  نفس کی بیماریوں اور ان کی علامتیں اور برے نتائج اور علاج کرنے کا طریقہ سے آگاہی پیدا کرے اور اپنے نفس کی اصلاح کی ذمہ داری سنبھال لے کیونکہ خود انسان سے کوئی بھی بیماری کی تشخیص بہتر طریقے سے نہیں کر سکتا اور اس کے علاج کرنے کے درپے نہیں ہو سکتا۔ انسان نفسانی بیماریوں اور اس کے علاج کو واعظین سے سنتا یا کتابوں میں پڑھتا ہے لیکن بالاخر جو اپنی بیماری کو آخری پہچاننے والا ہو گا اور اس کا علاج کرے گا وہ خود انسان ہی ہو گا۔ انسان دوسروں کی نسبت درد کا بہتر احساس کرتا ہے اور اپنی مخفی صفات سے آگاہ  ہے اگر انسان اپنے نفس کی خود حفاظت نہ کرے تو دوسروں کے وعظ اور نصیحت اس میں کس طرح اثر انداز اور مفید واقع ہو سکتے ہیں ؟ اسلام کا یہ نظریہ ہے کہ اصلاح نفس انسان داخلی حالت سے شروع کرے اور اپنے نفس کو پاک کرنے اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے رعایت کرتے ہوئے اسے اس کے لیے آمادہ کرے اور اسلام نے انسان کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے آپ کی خود حفاظت کرئے اور یہی بہت بڑا تربیتی قاعدہ اور ضابطہ ہے۔ خدائے تعالیٰ قرآن میں فرماتا ہے کہ ہر انسان اپنی نیکی اور برائی سے خود آگاہ اور عالم ہے گرچہ وہ عذر گھڑتا رہتا ہے۔ 
اگر ہم  ابھی سے اپنے آپ کو نیک رفتار و گفتار کی عادت ڈالیں تو ہماری  انسانی شخصیت بھی اسی طرح تشکیل پائے گی اور زندگی کے آخری لمحات تک یہ عظیم سرمایہ ہمارے وجود میں محفوظ رہے گا۔ بالخصوص عمر کے اس حصہ میں جو ہماری کتاب زندگی کا زرین ورق ہے۔ اس سن و سال میں اپنی شخصیت کو کمال بخشنے کے لیے بہت سے اہم کام انجام دئے جا سکتے ہیں۔ خود سازی، تعمیر شخصیت، تزکیہ نفس،  اور خدا سے اپنے رابطہ کو محکم سے محکم تر بنائیں۔ دین کے منطقی پہلو اور مسائل کی باریکی کی طرف زیادہ توجہ دیں اور ماہر استادوں سے اس سلسلہ میں استفادہ کریں۔ دین، جذبات کا حامل بھی ہے لیکن ان جذبات کا انحصار عمیق معنویات، گہری فکر پر ہے۔ اس فکر کو سیکھنا چاہیے اور دین کے بنیادی مسائل سے آشنا ہونا چاہیئے۔ اس کے ذریعہ اپنی شخصیت اور اپنے قلب و روح کو سیراب کریں۔ 
تہذیب نفس کا اہم حصہ نیک سلوک ہے، ماں باپ کے ساتھ نیک برتاؤ، اپنے والدین سے محبت کریں اور پھر محبت کا اظہار بھی، ان کا احترام اور ان کی اطاعت بھی۔ 
گھر کے اندر ہماری خوش اخلاقی و نیک سیرت ایک بہترین کنبے کی تعمیر کا سبب بن سکتی ہے۔ اکثر مشاہدہ کیا گیا ہے کہ ایک نوجوان اپنے کردار کے ذریعہ اپنے والدین اور بھائی بہنوں کو متاثر کرتا ہے۔ ایک مؤمن اور مہذب نوجوان، چراغ کی مانند خاندان کے ماحول کو روشن کرتا ہے اور بھائی بہن اس سے سبق حاصل کرتے ہیں۔ وہ اپنے محلے اور اپنی زندگی کے ماحول اور کام کرنے کی جگہ کو بھی متاثر کرتا ہے۔ 
فارغ اوقات میں  نوجوان دوسروں سے زیادہ اس فکر میں رہیں کہ اس فرصت سے مطالعہ، تعلیم و تعلم، صحت و ورزش، والدین کی مدد و نصرت اور تہذیب نفس کے لیے بخوبی استفادہ کرے۔ 
نوجوانی ایک عظیم نعمت ہے جو صرف ایک بار ہر انسان کو دی جاتی ہے اور جس کا ایک خاص دورانیہ ہوتا ہے۔ نوجوانی کے دور سے گذرنے کے بعد انسان نوجوانی کے دور کی برکتوں سے بہرہ مند ہو سکتا ہے۔ بہت سے ضعیف العمر اشخاص کے روحانی و باطنی سکون، روشن فکری اور منظم زندگی کی اصلی وجہ یہی ہے کہ انہوں نے اپنی نوجوانی کو مذکورہ خصوصیات کے ساتھ بسر کیا ہے اور بہت سے بوڑھے لوگ ایسے بھی ہیں جو سست، آزردہ خاطر، بے حوصلہ اور نا امید نظر آتے ہیں، ایسے لوگوں نے ایام نوجوانی میں اپنے لیے کوئی ذخیرہ فراہم نہیں کیا تھا۔ 
یہ فکر بالکل غلط ہو گی کہ نوجوانی کو غفلت کی نذر کرنے کے بعد بڑھاپے میں خدا کا ذاکر و شاکر بندہ بنایا جا سکتا ہے۔ ممکن ہے کہ کوئی کوشش کرے لیکن اپنے مقصد تک نہیں پہنچ پائے گا۔ جو ذخیرہ آپ دوران نوجوانی میں اپنے لیے جمع کرتے ہیں یہ آپ کی پوری زندگی کا ذخیرہ ہے۔ خواہ وہ ذخیرہ جسم سے متعلق ہو یا فکر سے یا پھر قلب و روح سے۔ یہ آپ کے آخری لمحات تک کا ذخیرہ ہے، ایک ابدی ذخیرہ، اس ابدی زندگی کے لیے جو حقیقی حیات سے عبارت ہے۔ 
ہمیں چاہیے  کہ نوجوانی کے اس دور کی اہمیت کو سمجھیں۔ ہمارا مستقبل ہمارے توانا بازوؤں کے ذریعے ہی تعمیر ہو سکتا ہے۔ ہماری ملت  کا نوجوان معاشرہ بہترین معاشرہ ہے۔ ملک، قوم اور ملت میں صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور حرکت و نشاط و سعی و کوشش کا مظاہرہ کرنے کے لیے زمیں بھی ہموار ہے۔ 

نتائج 

تزکیہ نفس کے اس عمل سے جو نتائج و ثمرات دنیوی و اخروی زندگی میں مرتب ہوتے ہیں وہ قرآن و سنت کی روشنی میں مندرجہ ذیل ہیں : 
•	اس بندے سے اللہ تبارک و تعالیٰ کی محبت اور رضا و خوشنودی۔ 
•	جنت  میں ہمیشہ کی رہائش اور خدا تعالیٰ کی قربت۔ 
•	دنیا و آخرت میں فلاح و کامیابی اس کا مقدر۔ 
•	اللہ تعالیٰ اس کے رزق کا کفیل ہو جاتا ہے، اور ایسے مقام سے اسے رزق عطا فرماتا ہے جہاں سے اس کا وہم و گمان بھی نہیں ہوتا۔ 
•	اللہ تعالیٰ اس کا مددگار و ناصر ہوتا ہے، اور اس پر اپنی راہیں کھول دیتا ہے۔ 
•	دنیا و آخرت میں رنج و غم اور خوف وحشت سے نجات حاصل ہوتی ہے۔ 
•	عزت نفس کی دولت میسر آتی ہے۔ 
•	اس کا دل غنی ہو جاتا ہے، ہمیشہ پاکیزہ نفس اور مطمئن قلب کا مالک ہوتا ہے، اسی کسی چیز کی فکر دامن گیر نہیں ہوتی۔ 
•	وہ شرح صدر ہو جاتا ہے، دنیا کے مصائب اور تکالیف اور لوگوں کی عیاریوں اور مکاریوں سے دل تنگ نہیں ہوتا۔ 
•	اس کے وجود میں ایک ایسی ہیبت ہوتی ہے جو لوگوں کے دل میں ڈال دی جاتی ہے، کہ سب نیک و بد اس کا احترام کرتے ہیں اور ہر ظالم و جابر اس سے خوف کھاتا ہے۔ 
•	اللہ تعالیٰ اس کے لیے دلوں میں محبت پیدا کر دیتا ہے، کہ تمام دل اس کی محبت پر مجبور ہو جاتے ہیں، اور تمام لوگ اس کی تعظیم پر بے اختیار ہو جاتے ہیں۔ 
•	ساری مخلوق اس کے لیئے مسخر کر دی جاتی ہیں۔ 
•	اللہ رب العزت کی بارگاہ میں اسے وجاہت و کرامت کا خاص درجہ حاصل ہوتا ہے۔ 
•	وہ اللہ تعالیٰ سے جو کچھ بھی مانگتا ہے اس کی دعا قبول کی جاتی ہے۔ 
•	اس پر موت کے سکرات آسان کر دیے جاتے ہیں۔ 
•	اس کے لیے قبر کی فراخی اور اس کی روشنی ہے، وہ جنت کے باغوں میں سے ایک باغ میں قیامت کے دن تک رہتا ہے۔ 
•	اس کی روح اور جان کا مانوس ہونا ہے۔ 
•	قیامت میں عزت و کرامت کے ساتھ اس کا حشر ہے۔ 
•	قیامت میں اس کے چہرے روشن و تابندہ ہوں گے۔ 
•	قیامت کی ہولناکیوں سے امن و امان ہے۔ 

تزکیہ نفس کا خلاصہ

حق تعالی شانہ تک پہونچنے کا یہی راستہ ہے کہ اخلاقِ رذیلہ دور ہو جائیں، اخلاقِ حمیدہ پیدا ہو جائیں، معاصی چھوٹ جائیں، طاعت کی توفیق ہو جائے، غفلت من اللہ جاتی رہے اور توجہ الی اللہ پیدا ہو جائے، اَوصافِ مذمومہ دور ہو کر اَوصافِ حمیدہ پیدا ہونے کو تحلیہ و تزکیہ کہتے ہیں، جس کے لیے ضروری ہے کہ اِنسان اپنے عیوب و نقائص کا باریک بینی سے جائزہ لے کیونکہ:
نہ جب تک تزکیہ ہو نفس کا خطرہ ہی خطرہ ہے 
رہیں  گے  عمر  بھر گھیرے ہوئے افکارِ شیطانی
٭٭٭
عبد الرازق خلیل الرحمٰن کے فائل فراہمی کے تشکر کے ساتھ
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

