﻿

تیرے تن کا کیسر مہکے


سرمد صہبائی








تعارفیہ

ورنمنٹ کالج لاہور سے انگریزی ادبیات میں ایم اے کیا۔ اس کے بعد سرمد نے سٹیج کے لئے ڈرامے لکھے۔ اردو ڈراموں کا مجموعہ ’کٹھ پتلیوں کا شہر‘ 1975 میں شائع ہوا۔ ان کے پنجابی ڈرامے ’طوطا راما‘ کو ابسن فیسٹیول لاہور اور آکسفرڈ ہاؤس لندن میں انگریزی زبان میں پیش کیا گیا۔ ان کی 1990 میں بنائی ٹیلی فلم ’فنکار گلی‘ قومی اور بین الاقوامی چینلز پر دکھائی گئی۔ شاعری کی پہلی کتاب ’ان کہی باتوں کی تھکن‘ 1976 میں شائع ہوئی۔ پھر 1986 میں اردو کافیوں کا مجموعہ ’نیلی کے سو رنگ‘ منظرِ عام پر آیا۔ کچھ سال قبل ’پل بھر کا بہشت‘ کے نام سے سرمد کی شاعری کا نیا مجموعہ شائع ہوا ہے۔
سرمد صہبائی معاصر پاکستانی ادب میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں۔ کافی عرصہ تک پی ٹی وی میں بطور ڈائریکٹر کام کرتے رہے۔ 
٭٭٭


وہ پھول کاڑھتی رہی 
 
خزاں کی زرد شال پر وہ پھول کاڑھتی رہی
 اُجڑتے ماہ و سال پر وہ پھول کاڑھتی رہی
 دِلوں کے مرغزار میں
 عجب اُداس شام تھی
 گزرتے پل کے ہونٹ پر
 وہ منتشر سا نام تھی

دکھوں کی تند دھار پر
 لہولہان انگلیاں
 مگر وہ سانس سانس اپنی عمر کے لباس پر
 لہو کشیدگی رہی
 گلاب سینچتی رہی
 خزاں کی زرد شال پر اُجڑتے ماہ و سال پر
 وہ پھول کاڑھتی رہی وہ پھول کاڑھتی رہی
٭٭٭




وہ گھر بسانے کی خواہش میں
 

وہ گھر بسانے کی خواہش میں
 اپنے بدن کی مصیبت میں نکلی
 ہواؤں میں سازش کا موسم تھا
 لیکن وہ اپنی جوانی کے سپنے میں بھٹکی
 بڑی دیر تک زرد پتے کی مانند
 جھوٹے دلاسوں کے شانوں پہ اُڑتی رہی

اُس کی آنکھوں کے روشن ستارے
 بیاباں راتوں میں پتھرا گئے
 اُس کے سینے پہ مہتاب گہنا گئے


اب وہ خوابوں کے آسیب کو تھام کر
 رات دن کے پلوں سے گزرتی ہے
 تنہا بدن کی سرائے میں ٹھہرے مسافر کو
 اپنی کہانی سُناتی ہے
 اور صبح ہونے سے پہلے
 اسے بھول جاتی ہے
٭٭٭




اپنی نیند ادھوری


تیرا سپنا امر سمے تک
اپنی نیند ادھوری، سائیں
اپنی نیند ادھوری

کالے پنکھ کھُلے کوئل کے
کُوکی بن میں دُوری، سائیں
اپنی نیند ادھوری

تیرے تن کا کیسر مہکے
خوشبو اُڑے سندھوری، سائیں
اپنی نیند ادھوری

میرا عشق زمیں کی مٹی
ناں ناری ناں نوری، سائیں
اپنی نیند ادھوری

سزا جزا مالک کا حصہ
بندے کی مزدوری، سائیں
اپنی نیند ادھوری، سائیں

تیرا ہجر رُتوں کی ہجرت
تیرا وصل حضوری، سائیں
اپنی نیند ادھوری

تیری مُشک بدن کا موسم
جوبن رس انگوری، سائیں
اپنی نیند ادھوری

بوسہ بوسہ انگ انگ میں
کس نے گُوندھی چُوری، سائیں
اپنی نیند ادھوری

تیرا کِبر تیری یکتائی
اپنا من منصوری، سائیں
اپنی نیند ادھوری

تن کو چیر کے پھُوٹی خواہش
کیا ظاہر مستوری، سائیں
اپنی نیند ادھوری
٭٭٭



تیری بیل چڑھوں



تیری بیل چڑھوں میں سانول
تیری بیل چڑھوں
خوشبو کے مدھم کن رس میں
اپنا بھید کہوں
تیری بیل چڑھوں

تیرے شہد بھرے ہونٹوں سے
پیاسی گود بھروں
تیری بیل چڑھوں

ہم آغوشی کے موسم میں
کلی سے پھُول بنوں
تیری بیل چڑھوں

رنگ اور خوشبو جیسے بچے
تیرے سنگ جنوں
تیری بیل چڑھوں میں سانول
تیری بیل چڑھوں
٭٭٭



تیرے سنگ پریتی سائیں


تیرے سنگ پریتی سائیں
تیرے سنگ پریتی
بسر گئی سب سُدھ بُدھ اپنی
کیا بیتی جگ بیتی سائیں
تیرے سنگ پریتی

رَوم رَوم سے پھُوٹے سرگم
کیسے سُر سنگیتی سائیں
تیرے سنگ پریتی

تیری دید سے سپنے سینچوں
تیری نندیا نیتی سائیں
تیرے سنگ پریتی

ریت ازل کی پریت پُنھل کی
ناں ہاری ناں جیتی سائیں
تیرے سنگ پریتی

تیرے میگھ بدن کے رس میں
میں پیاسی سُکھ سیتی سائیں
تیرے سنگ پریتی
٭٭٭



موج سندھل کی


ٹھل ٹھل آوے موج سندھل کی
 تاہنگ پرانی یار پُنھل کی
 موج سندھل کی

شام کی مُٹھی میں اک جگنو
 صحراؤں میں بوند اک جل کی
 موج سندھل کی

خواہش اِک بے انت سمندر
 سانس کی مہلت پل دو پل کی
 موج سندھل کی


ہجر زدہ آنکھوں میں اُتریں
 گرم دوپہریں تپتے تھل کی
 موج سندھل کی

سارنگ کے سنگ آ گھر سائیں
 موڑ مُہار اُڑتے بادل کی
 موج سندھل کی

رمز سخن کی مُشکی بُوٹی
 گہرے گیانوں کے جنگل کی
 موج سندھل کی
٭٭٭





دل نہ ازل سے راضی


دل نہ ازل سے راضی سائیں
دل نہ ازل سے راضی
ایک ہی رمز سمائی من میں
کیا مُلا کیا قاضی سائیں
دل نہ ازل سے راضی

آدھی رات میں کُوک سخن کی
اُڑتی آتش بازی سائیں
دل نہ ازل سے راضی

تیری دید سے موسم بدلا
جاگ لگی کیا تازی سائیں
دل نہ ازل سے راضی

بوسہ بوسہ آیت اُترے
تسبی پڑھیں نمازی سائیں
دل نہ ازل سے راضی

چکھوں حال میں حال کی مستی
مستقبل کیا ماضی سائیں
دل نہ ازل سے راضی

جنم جنم میں بانٹے عمریں
تیری زلف درازی سائیں
دل نہ ازل سے راضی

تیرا شوق ہے دوزخ جنت
اپنی دھُن سُر سازی سائیں
دل نہ ازل سے راضی

میٹھی چندن ڈال کمر پر
پھُول کھلا پشوازی سائیں
دل نہ ازل سے راضی

سنگ کو آب کرے ہے سرمد
تیری سخن گدازی سائیں
دل نہ ازل سے راضی
٭٭٭




سازش کے شہر میں گمشدہ لڑکی 
	

زندگی! زندگی
کس طرف ہے تیرا راستہ
شہر والوں نے مجھ کو ندامت کے تحفے دیئے ہیں
کہ میں راستوں پر خود اپنی رگیں کاٹ لوں
خواہشوں کی مہکتی ہوئی اوڑھنی پھاڑ کر
اپنی آنکھوں کو اپنے ہی وحشت زدہ ہاتھ سے نوچ لوں

زندگی! زندگی
شام پر کھول کر میرے کمرے کی کھڑکی پہ منڈلا رہی ہے
اندھیرے میں چاروں طرف
سرسراتی صداؤں کی دہشت ہے
آؤ تمہارے لیے، بچھوؤں اور خونخوار سانپوں کو ہم پالتے ہیں
تمہارے لیے موت آسان قسطوں میں دیتے ہیں

میرے سرکتے ہوئے سائے میں
واہمے پھڑپھڑانے لگے
زندگی! اے زندگی
کس طرف ہے تیرا راستہ

اور کچھ دیر میں
رات بھیگے گی
اور میں دھڑکتے ہوئے خواب کی انگلیاں تھام کر
خواہشوں کے پرستان میں
تیرے قدموں کی آہٹ سنوں گی
تجھے میں نے آنکھوں کے صحرا میں
بادل کی صورت برسنے کی خواہش میں دیکھا ہے
خوابوں میں ڈھونڈا ہے
لفظوں کے اندھے کنوئیں میں صدا دی ہے
لیکن سبھی لفظ جھوٹے، سبھی خواب بے نم
زمیں میرے قدموں کے نیچے سمٹنے لگی
زندگی! زندگی
کس طرف ہے تیرا راستہ

زندگی! زندگی
شہر سازش میں ہے
شاہراہوں پہ بچوں کی قبریں بنی ہیں
جواں لڑکیوں کے دھڑوں پر ہوس کے نشاں ہیں
چمکتی ہوئی تتلیوں کے پروں پر گہن کی سیاہی ہے
چاروں طرف موت اب گشت کرتی ہے
پھولوں سے رستا ہوا زہر کا ذائقہ ہے
درختوں پہ بچھو اُگے ہیں
میں ننگے سرابوں پہ آنکھوں کے بل چل رہی ہوں
مجھے خواب دے زندگی
میری مرتی ہوئی پتلیوں میں کسی سبز موسم کو لے کر اُتر
میری پتھر زباں پر کسی حرف کا نم چھڑک
میرے صحرا بدن میں برس
لمس کا چشمہ بن کر تڑپ

زندگی! زندگی
میرا دم گھٹ رہا ہے
کئی سال سے میری ماں بد دعاؤں کے زریں کفن بُن رہی ہے
مرا باپ دن رات میرے لیے تازہ قبریں بناتا ہے
بھائی مجھے کندھا دیتے ہوئے تھک چکے
زندگی! زندگی
کس طرف ہے تیرا راستہ
٭٭٭



موہنی دھیان

	
تم ہی بتاؤ
اس نے ان کچے خوابوں کے بل پر تیرنا کب سیکھا تھا
چڑھتے جوبن کے ساحل پر
اک باغی خواہش کا موسم
اُس کو پاگل کر دیتا تھا
وہ اپنی مستی کے رس میں
بھیگ رہی تھی
لیکن اُس کی نیند سے باہر
طوفانوں کی گرج چمک تھی
ہر سائے میں موت کھڑی تھی

آدھی رات کو
وہ انجان بھنور میں اُتری
اک من تاری
اپنے من کے پار سدھاری
کُوک سکی نہ لاج کی ماری

لہر لہر نے اُس کے تن کو ڈھانپ لیا تھا
تُم ہی بتاؤ
اُس نے ان کچے خوابوں کے
بل پر تیرنا کب سیکھا تھا
٭٭٭



موسمِ وصال کا گیت

	

لال کپڑوں میں آ
دھوپ کے کیسری بھیس میں
من کے سندیس میں
بن کے سُورج مکھی
آنکھ میں لہلہا
لال کپڑوں میں آ
لال کپڑوں میں آ

ریشمی شام کے
جامنی انگ میں
وصل کے رنگ میں
رقص کرتے ہوئے
جھانجھریں چھن چھنا
لال کپڑوں میں آ
لال کپڑوں میں آ

چُوم آنکھیں میری
ہونٹ پر ہونٹ رکھ
کھینچ سانسیں میری
موج بن کر لپٹ
آ مجھے لے بہا
لال کپڑوں میں آ
لال کپڑوں میں آ

بستیوں میں نکل
آنگنوں میں اُتر
بند گلیوں کے سینے سے
ہو کر گزر
ہاں جلا ہاں جلا
اِک دیے سے دیا
لال کپڑوں میں آ
لال کپڑوں میں آ
٭٭٭




موہنجو دڑو کی رقاصہ کے نام 
	

ناچ اے نرتکی
ناچ ان کے لیے
جو جدائی کے صدمے میں ہیں
جن کی سانسوں کی دہلیز پر
اُن کے جسموں کے مہتاب گہنا گئے
جو پُراسرار خواہش کی بیلوں کو چھُوتے ہی
پتھرا گئیں
ناچ ان کے لیے
وہ جوانی کے شہروں میں
تنہائیوں کو پہن کر نکلتی ہیں
اور وصل کی رات مہندی کی خوشبو سے ڈرتی ہیں
ہاں ناچ اے سانولی
کہ تیری انگلیوں میں
ہرے موسموں کے نِرت بھاؤ ٹھہرے ہیں
تُو خواہشوں کے قبیلے میں
سُورج کا کنگن پہن کر
جبلت کے تہوار میں ناچتی ہے
سلامت رہیں یہ تیرے نِرت بھاؤ
کہ ہم موت کے تابلو میں زمانوں سے ساکت ہیں
تیری پُر اسرار آنکھوں میں کھویا ہوا
اپنا پچھلا جنم ڈھونڈتے ہیں

تھِرک نرتکی
کہ تیرے لہلہاتے بدن کے تموج سے
دن رات چڑھتے اُترتے ہیں
صدیوں میں گھنگھروؤں کی دھمک گونجتی ہے
تجھے ہم نے جنموں کی سنگت میں دیکھا ہے

ناچ اے نِرتکی
ناچ اُجڑے دِلوں میں
گہن خوردہ آنکھوں میں
سنسان جسموں میں
ماتم زدہ آرزوؤں میں
ہم پر کرم کر
کہ ہم موت کی نیند سے
تازہ سانسوں کے موسم میں جاگیں
چمک باوؤلی
جسم پر پھڑپھڑاتے پرندوں کے پر کھول
ناچ اے کامنی
پدمنی رس بھری
کہ دِلوں کے طبل پر
تیرے پاوں کی چھن چھنا چھن
بیاباں سینوں کی دف پر
تیری انگلیوں کی چھما چھم
تڑپ نِرتکی
کہ رگیں کھنچ کے تاریں بنیں
اک اک انگ تیرے سُروں میں پگھل جائے
ہاں ناچ اے سانولی
مدھ بھری
تیرے چڑھتے اُترتے نرت بھاؤ کی فاختائیں
جنم جنم
دیس پردیس
سارے گھروں کی منڈیروں پہ اُڑتی رہیں
اور تیرے پاوں کی تتلیوں کے تعاقب میں
بچے ہمیشہ بھٹکتے رہیں
٭٭٭


پل بھر کا بہشت 
 

ایک وہ پل جو شہر کی خفیہ مٹھی میں
 جگنو بن کر
 دھڑک رہا ہے
 اُس کی خاطر
 ہم عمروں کی نیندیں کاٹتے رہتے ہیں

یہ وہ پل ہے
 جس کو چھو کر
 تم دنیا کی سب سے دلکش
 لذت سے لبریز اک عورت بن جاتی ہو
 اور میں ایک بہادر مرد

ہم دونوں آدم اور حوا
 پل بھر کے بہشت میں رہتے ہیں
 اور پھر تم وہی ڈری ڈری سی
 بسوں پہ چڑھنے والی، عام سی عورت
 اور میں دھکے کھاتا بوجھ اُٹھاتا
 عام سا مرد

دونوں شہر کے
 چیختے دھاڑتے رستوں پر
 پل بھر رُک کر
 پھر اُس پل کا خواب بناتے رہتے ہیں
٭٭٭



پیڑ 
 

مرد اور عورت
 پیڑ پہ اگتے غیبی پھل کو چکھ لیتے ہیں
 اپنی اپنی خواہش نوچ کے
 اپنے اندر رکھ لیتے ہیں

پسلی کے بل چڑھتے سانپ کا
 پھن تالو میں در آتا ہے
 جسم کے اندر رستے پھل کا
 زہر لبوں پر بھر آتا ہے

بستر کی میلی سلوٹ میں
 گرم لہو کی تیز مہک مرجھا جاتی ہے
 دھندلی سانسوں کے موسم میں
 وہ عورت گہنا جاتی ہے
 تھکے ہوئے کندھوں پر اس کی
 دونوں بانہیں، آہستہ سے
 کھنچ آتی ہیں
 جلتی لال لویں چھاتی پر
 مرد کے ہونٹ سے بجھ جاتی ہیں

خود سے ہار کے
 مرد اور عورت
 پھٹی ہوئی آنکھوں کو جھوٹے خوابوں سے کفنا لیتے ہیں
 دن چڑھنے تک
 اک دوجے کو
 اپنے اپنے جسموں میں دفنا لیتے ہیں
٭٭٭



میں نہ کل نہ آج 
 

میں نہ کل نہ آج

سمے کی شہ رگ میں اِک ازلی
 تڑپتا کھرج کھماج
 میں نہ کل نہ آج

تیرے دار کی مُنہ دکھلائی
 سر دیوے حلاج
 میں نہ کل نہ آج

ظاہر باطن شرع شریعت
 تیرے رسم رواج
 میں نہ کل نہ آج

ہم سادہ بندے رب سائیں
 لُچا دھرم سماج
 میں نہ کل نہ آج

تیری شاہی میں دے خلقت
 خوں کا باج خراج
 میں نہ کل نہ آج

بیچ کھیت کے کھڑی بجوکا
 چاروں اور اناج
 میں نہ کل نہ آج

میں سندھو دریا کی باندی
 روھی میرا داج
 میں نہ کل نہ آج


اُن آنکھوں میں پگھلے دیکھوں
 نیلم اور پکھراج
 میں نہ کل نہ آج

سرمد یار سخن کی رمزیں
 بجلی رم جھم گاج
 میں نہ کل نہ آج
٭٭٭



ہونٹوں پر ہونٹ کو رکھ سائیں
 

ہونٹوں پر ہونٹ کو رکھ سائیں
 میری جان لبوں پر چکھ سائیں
 بے شک سائیں
 بے شک سائیں

تجھ بِن یہ جوبن ککھ سائیں
 ہو مہر تیری تو لکھ سائیں
 بے شک سائیں
 بے شک سائیں

یہ جیون اک جاتک سائیں
 من بھیدوں کی گولک سائیں
 بے شک سائیں
 بے شک سائیں

سب رُوپ رہس ناٹک سائیں
 اِک تیرا درشن حق سائیں
 بے شک سائیں
 بے شک سائیں
٭٭٭






واہ حُسینا تیری مستی
 


واہ حسینا تیری مستی
 تن کے اندر شب کربل کی
 مُکھ پر فجر الستی
 واہ حُسینا تیری مستی

اپنا کعبہ دین اور دنیا
 تیری سخن پرستی
 واہ حُسینا تیری مستی

بوند صدف مُکھ گل سنگ شبنم
 تیری لب پیوستی
 واہ حُسینا تیری مستی

دُکھ سُکھ تیرا تانا بانا
 سُر سنگیت گرہستی
 واہ حُسینا تیری مستی
٭٭٭

ندی کنارے اک جنگل میں 
 
ندی کنارے اک جنگل میں
 تین کنواریاں
 چاند کے حوض سے دھُل کر نکلیں
 عریاں جسموں کے موسم میں
 اس نے اپنی خواہش کے نارنجی پھول کو کھلتے دیکھا
 رات اور دن کو ملتے دیکھا

پہلی عورت کی چھاتی میں
 جنگل کے پھولوں کا رس تھا
 تلووں سے پوروں تک چڑھتا
 شہد بھری شہوت کا مس تھا
 لہراتے بالوں میں اُڑتی
 کوندے کی اک تیز چمک تھی
 چاروں جانب
 گندم کی مدہوش مہک تھی

وہ دھندلی سانسوں کو چھو کر
 ترچھی ڈھلوانوں سے گزرا
 شطرنجی خانوں سے گزرا
 رگوں میں خون کی لذت بدلی
 دیکھتے دیکھتے اس کی ساری
 صورت بدلی
 یکدم اس نے مڑ کر دیکھا
 وہ عورت تھی تیز ہوا کا ایک بگولا
 دھوئیں کا اک اُڑتا مرغولا

دوسری عورت کے ہاتھوں میں
 اس نے اپنا بچہ دیکھا
 کھلتی گود کے آئینے میں
 اپنے جیسا چہرہ دیکھا
 روئیں روئیں میں تازہ نسلیں گندھی ہوئی تھیں
 اس کی ناف سے ساری عمریں بندھی ہوئی تھیں
 جب وہ اس کی ناف سے ٹوٹا
 ایک لہو کا چشمہ پھوٹا
 اس چشمے میں
 اس کی رنگت بدل چکی تھی
 کنپٹیوں پر برف جمی تھی

تیسری عورت کے قدموں میں
 اس کا سایا
 دم بھر تڑپا
 آہستہ سے
 ٹھنڈا بوسہ
 خون میں اُترا

پھر دل اس کا زور سے دھڑکا
 دور افق پر پو پھٹتی تھی
 جنگل کے خالی رستوں پر
 ازلوں جیسی خاموشی تھی
٭٭٭


واہ ری ماں تیرے بیٹوں پر
 
 واہ ری ماں تیرے بیٹوں پر
 کیسی جوانی آئی
 مُکھ پر دھوپ چڑھی غیرت کی
 تن میں رت اتھرائی
 واہ ری ماں تیرے بیٹوں پر
 کیسی جوانی آئی

مس پھوٹی تو بجلی چمکی
 ایک گھٹا گِھر آئی
 واہ ری ماں تیرے بیٹوں پر
 کیسی جوانی آئی

چھاتی لگ ہوئی موت سہاگن
 کیسے بر پرنائی
 واہ ری ماں تیرے بیٹوں پر
 کیسی جوانی آئی

کس نے موت کو باندھ سرہانے
 صاحباں آن جگائی
 واہ ری ماں تیرے بیٹوں پر
 کیسی جوانی آئی

صدقے جاؤں اس ہیبت کے
 پتھر تِھی گئے رائی
 واہ ری ماں تیرے بیٹوں پر
 کیسی جوانی آئی

تیرے بخت بھرے ہاتھوں نے
 کیسی گھڑہت چکھائی
 واہ ری ماں تیرے بیٹوں پر
 کیسی جوانی آئی
٭٭٭

آنکھوں سے پرے نیند کی رفتار میں رہنا
ہر پل کسی نا دید کے دیدار میں رہنا

کھو جانا اسے دیکھ کے عریاں کے سفر میں
چھوتے ہی اسے حجلہ اسرار میں رہنا

اک خوابِ دریدہ کو رگِ حرف سے سینا
پھر لے کے اسے کوچہ و بازار میں رہنا

خود اپنے کو ہی دیکھ کے حیران سا ہونا
نرگس کی طرح موسمِ بیمار میں رہنا

مرنا یونہی ابریشم و کمخواب ہوس میں
دم توڑ کے زندہ کبھی دیوار میں رہنا

بادل کبھی پُروا کبھی پھولوں سے لپٹنا
ہر لمحہ تیرے آنے کے آثار میں رہنا

حسرت سی لیے خلقت معصوم میں پھرنا
سازش کی طرح گردشِ دربار میں رہنا

سرمد تپش نار سخن میں ہوں کہ مجھ کو
گل کرتا رہا شعلہ و انگار میں رہنا
٭٭٭



لمحہ لمحہ ہر اشارے پر سفر ہوتا رہا
راستے بنتے گئے میں منتشر ہوتا رہا

ڈھونڈتے ہو تم کہاں اس روز و شب کے درمیاں
تھا زمانہ اور جو مجھ میں بسر ہوتا رہا

شہر والے اپنے سائیوں میں سمٹ کر سو گئے
چاند شب بھر ساتھ میرے در بدر ہوتا رہا

رفتہ رفتہ دل کو آخر درد راس آتا گیا
قطرۂ بے تاب سیپی میں گہر ہوتا رہا

تھی تیری آہٹ کہ زینہ بن گئیں آنکھیں میری
دھیان تھا روزن کھلا دل تھا کہ در ہوتا رہا

بے خبر تھے لوگ سب جس زہر کی تاثیر سے
دم بدم ہر جسم پر اس کا اثر ہوتا رہا

تھا بدن نارِ تماشا آتشِ دیدار سے
ہر نفس سینے میں گل ہو کر شرر ہوتا رہا

دل میں تو سرمد عجب اک موسم نا دید تھا
جو تماشا تھا سرِ بامِ نظر ہوتا رہا
٭٭٭

ماخذ:
http://poetry.pakistanica.com/sarmad-sehbai
اور کتاب چہرہ میں  مختلف نوٹس
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
