﻿

تیسری دفعہ کا ذکر ہے



غلام شبیر رانا

(افسانے اور انشائیے)







تیسری دفعہ کا ذکر ہے :ایک کہانی جانی ان جانی	


             تیسری دفعہ کا ذکر ہے کہ تیسری دنیا کے ایک ملک  کے  تیسرے کنارے پر ایک جنگل تھا۔اس جنگل میں  ظاہر ہے کہ جنگل ہی کا  قانون نافذ تھا۔جو جانور نہ تین میں  ہوتا نہ تیرہ میں  اس جنگل میں  گلچھرے اڑاتا۔دوسرے جنگلوں  کی طرح اس جنگل میں  بھی ایک بادشاہ موجود تھا۔جو بھی اس کے سامنے تین پانچ کرتا یہ بادشاہ اس کا تیا پانچہ کر دیتا۔یہ ایک ایسا شیر تھا جو صرف اپنے ہی جنگل میں  منگل کا سماں  پیدا کرتا تھا باہر تو یدھ کے باعث سدا بدھ کی حالت ہوتی تھی۔ کسی کو  گرد و نواح کی  کوئی شدھ بدھ نہ رہتی۔یہ لرزہ خیز کیفیت  درندگی اور خون آشامی کے لیے ہمیشہ ساز گار ثابت ہوتی ہے۔تیرہ تار ماحول میں  جو جانور بھی اس درندے کی زد میں  آتا وہ زندگی کی بازی ہار جاتا اور اس کے پس ماندگان آٹھ آٹھ آنسو روتے اور اس شیر کے لیے بد دعا کرتے۔ہر طرف زاغ و زغن منڈلاتے پھرتے تھے۔ہر شاخ پر بوم و شپر کا آشیاں  تھا۔تمام جانور اپنی اپنی دھن میں  مگن مستقبل سے بے خبر سانس گن گن کر زندگی کے دن پورے کر رہے تھے۔سب سے زیادہ مست طوطے تھے جوجی بھر کر چوری کھاتے اور ٹیں  ٹیں  کر کے اس درندے کی تعریف میں  زمین آسمان کے قلابے ملاتے ،دوسرے طیور آوارہ،حشرات اور جانوروں  کو سبز باغ دکھاتے اور بہتی گنگا میں  چونچ دھو کر خوشی سے پروں  میں  پھولے نہ سماتے۔کئی راجہ گدھ، چمگادڑ، بڑے بڑے الو اور الو کے پٹھے بھی اس عبرت سرائے دہر میں  موجود تھے جنھیں   سر گرم جلوہ دیکھ کر نیرنگیِ تقدیر جہاں  کے بارے میں  کوئی ابہام نہ رہتا۔ایسا محسوس ہوتا تھا کہ روم جل رہا تھا مگر وقت کا نیرو دم دبائے  دہاڑنے  اور بے بس جانوروں  کو چیرنے پھاڑنے میں  مصروف تھا۔
       وقت سدا  ایک جیسا  نہیں  رہتا۔سیل زماں  کے تھپیڑے حالات و واقعات کا رخ بدل دیتے ہیں۔ایک طوفانی رات موسلا دھار بارش ہوئی۔آسمانی بجلی گرنے سے شیر کا غار جل گیا۔یہ خون آشام درندہ مرنے سے تو بچ گیا مگر آگ سے بچ نکلنے کی کوشش میں  اس کی  چاروں   ٹانگیں  بری طرح جھلس گئیں   اور وہ مکمل طور پر اپاہج ہو کر رہ گیا۔اب وہ زخموں  سے نڈھال اور چلنے سے معذور تھا۔اس عذاب میں  بھی وہ اپنی عیاری،شقاوت اور لذت ایذا سے باز نہ آیا،اس نے کچھ ایسے گماشتے تلاش کر لیے جس اس کے لیے راتب بھاڑا فراہم کرتے  اس کے بدلے کچھ بچا کھچا مال انھیں  بھی مل جاتا جس سے وہ اپنے پیٹ کا دوزخ بھر لیتے لیکن اندر ہی اندر انھیں  یہ فکر کھائے جا رہی تھی کہ انھیں  شیر کا بچا کھچا گوشت،اوجھڑی،ہڈیاں ،پسلیاں ،گردن اور سری پائے کے سوا کچھ نہیں  ملتا۔ان گماشتوں  میں  بجو،لومڑی  اور بھیڑیا شامل تھے۔اصل مسئلہ یہ تھا کہ اس جنگل میں  نافذ جنگل کے قانون کے خلاف جو بھی صدائے احتجاج بلند کرتا اس کی ہڈی پسلی ایک کر دی جاتی تھی۔بادشاہ پھر بھی بادشاہ ہوتا ہے خواہ  روہیلے کے ہاتھوں آنکھوں  سے محروم ہونے والا شاہ عالم ہو یا وہ جید جاہل آمر جن کو قدرت کاملہ نے عقل کا اندھا بنا کر انھیں  پوری دنیا میں  تماشا بنا دیا ہو۔
      سیانے کہتے ہیں  کبھی کبھی کوڑے کے ڈھیر کو بھی اپنی اہمیت کا احساس ہو جاتا ہے۔خفاش منش اجلاف و ارزال اور سفہا کے خود ساختہ نمائندے بجو،لومڑی اور بھیڑیا ایک شام شیر کے پاس گئے اور اپنا احتجاج اس کے سامنے دم ہلا کر پیش کیا۔بجو نے اپنی مکروہ آواز میں  کہا:
         ’’ مجھے قبروں  سے تازہ دفن ہونے والے مردوں  کا گوشت بہت پسند ہے۔مگر کیا کروں  آج کل جو بھی مردے دفن کیے جاتے ہیں  وہ محض ڈھانچے ہوتے ہیں۔ان کے جسم سے تمام گوشت تو دنیا والے پہلے ہی نوچ لیتے ہیں۔یہ مظلوم زندہ در گور ہو جاتے ہیں۔میں  تو اس آس پر فربہ جانوروں  کو بہلا پھسلا کر یہاں  لاتا ہوں  کہ مجھے کچھ چربیلا گوشت ملے گا مگر یہاں  بھی سوائے ہڈیوں  کے کچھ نہیں  ملتا۔یہ ہمارا استحصال ہے۔اپنے جائز حقوق کی بحالی تک ہم مزید شکار نہیں  لا سکتے۔تمام جانور ہماری فریب کاری،غداری اور ضمیر فروشی کی وجہ سے ہم سے بیزار ہیں۔ہمارے ساتھ مساوی سلوک کیا جائے۔ہمیں  ہماری غداری کا مناسب صلی ملنا چاہیے۔‘‘
      بھیڑیا جو اپنی لاف زنی کے لیے مشہور تھا اس نے بجو کی ہاں  میں  ہاں  ملاتے ہوئے کہا ’’میری نسل پر گرگ آشتی کا الزام لگایا جاتا ہے ،لیکن اپنے ابنائے جنس کے خون سے ہولی کھیلنے میں  انسان بھی ہم سے پیچھے نہیں۔  میں  علی الصبح  ایک ننھا  بھیڑیا آ پ کے پاس ورغلا کر لاتا  جس کا آپ خون پی جاتے  اور تمام گوشت ہڑپ کر جاتے۔میں  نے اب تک ساٹھ بھیڑیئے آپ کے ناشتے کے لیے پیش کیے مگر کبھی مجھے نرم گوشت آپ نے نہیں  دیا۔مسلسل اوجھڑی کھا کھا کر اب مجھے ابکائیاں  آتی ہیں۔حد چاہیے غذا میں  اوجھڑی کے واسطے۔میں  اپنے ساتھیوں  کا غدار ضرور ہوں  مگر احمق نہیں۔مناسب معاوضے کے بغیر میں  اب مزید اپنے ساتھی پکڑ کر آپ کے حوالے نہیں  کر سکتا۔یہ ہماری قربانی ہے کہ ہم نے ایک ذہنی اور جسمانی معذور درندے کو اب تک جنگل کا بادشاہ بنا رکھا ہے۔اب تو بات برابر کی سطح پر ہی ہو سکتی ہے۔آئندہ جس جانور کہ ہم مکاری اور عیاری سے یہاں  لائیں  اس کے گوشت کی تقسیم ہر اعتبار سے مساوی ہونی چاہیے  ورنہ ہم اس کام کو مزید جاری نہیں  رکھ سکتے۔‘‘
       وقت کی بڑی ستم ظریفی یہ ہے کہ وہ ہر جاندار کے کبھی نہ کبھی بے بسی کی بھینٹ چڑھا دیتا ہے۔جنگل کے بادشاہ شیر پر بھی ایسا ہی کٹھن وقت آ گیا تھا۔درندوں  کی زندگی میں  جب سخت مقام آتے ہیں  تو وہ  حکمت عملی کے تحت شتر گربہ کی پالیسی اپناتے ہیں  اور نرم  رویہ اپنا کر  نہ صرف اپنا الو سیدھ اکر تے ہیں  بلکہ اپنے پیٹ کا دوزخ بھرنے کے لیے گدھے کو بھی اپنا باپ کہنے میں  کوئی تامل نہیں  کرتے۔شیر نے بڑی خند ہ پیشانی سے یہ سب باتیں  خاموشی سے سنیں  اور آنکھیں  بند کر لیں۔اب اس نے لومڑی سے مخاطب ہو کر کہا کہ وہ بھی اپنا موقف بیان کرے۔لومڑی نے اپنی قبیح عادت کے مطابق چاپلوسی سے کام لیتے ہوئے جنگل کے بادشاہ سے مخاطب ہو کر کہا ؛
           ’’انسانوں  کو اپنے ابنائے جنس سے غداری کرنے پر ہر دور میں  بھاری انعام ملتے رہے ہیں۔ہماری ضمیر فروشی کا مناسب معاوضہ ہمیں  آج تک کبھی نہیں  مل سکا۔میں  نے لاتعداد نرم و نازک جانوروں کو فریب دیا انھیں  یہاں  لائی یہ سب آپ کا لقمۂ تر بن گئے۔اس کے بدلے ہمیں  کیا ملا؟ صرف بچی کھچی ہڈیاں  اور زمانے بھر کی ذلتیں  اور رسوائیاں۔اب ہم مزید یہ شقاوت آمیز نا انصافی برداشت نہیں  کر سکتے۔ہم شکار میں  سے اپنا مساوی حصہ لیے بغیر اب آئندہ کبھی جانوروں کے بے گنا ہ قتل عام میں  شریک جرم نہیں  رہ سکتے۔‘‘
      شیر یہ سب باتیں  سن کر دہاڑا’’ مجھے تمھارے تمام خیالات سے اتفاق ہے۔آئندہ تم جو بھی شکار لاؤ گے اس کے چار برابر  حصے کیے جائیں  گے۔اب جلدی جاؤ اور ایک نرم و نازک ہرن کو گھیر کر لاؤ ظل تباہی آج کا ناشتہ ہرن کے گوشت سے کرنا چاہتے ہیں۔‘‘
 جنگل کے بادشاہ کا فیصلہ سن کر تینوں  جانوروں  کے منہ میں  پانی بھر آیا اور ان کی آنکھوں  میں  ایک شیطانی چمک پیدا ہو گئی۔وہ اسی وقت ایک جھیل پر پہنچے ایک کم سن ہرن پانی پی رہا تھا لومڑی نے اس سے کہا  :
  ’’ اے میرے چاند ادھر میرے ساتھ آ  میں  تمھیں  آج جنگل کے بادشاہ کی زیارت کے لیے لے جاؤں  گی۔‘‘
   ’’ نہیں  ایسا کبھی نہیں  ہو سکتا ‘‘ چھوٹا ہرن بولا’’ تم نے وہ مثل نہیں  سنی ’’ اس ہرنی کی خیر نہیں  جو شیر کی جانب جائے گی‘‘
     بجو بولا’’ ہرن چاند تم کس قدر خوب صورت ہو ؟ میر دل چاہتا ہے کہ تم ہی ہمارے بادشاہ بن جاؤ۔‘‘
    ’’ واہ کیا اچھی بات کہی ہے ‘‘ بھیڑیا بولا ’’اگر ہرن جنگل کا بادشاہ بن جائے تو انقلاب آ جائے گا۔ہرن راج آج وقت کی ضرورت ہے اس طرح جنگل کے جانور تیزی سے آگے بڑھ سکیں  گے۔‘‘
’’میں  کیسے بادشاہ بن سکتا ہوں ؟‘‘ہرن نے فرط اشتیاق سے کہا ’’اس وقت جنگل کا بادشاہ تو شیر ہے۔اسے کون ہٹائے گا ؟‘‘
لومڑی نے برف پگھلتی دیکھی تو بولی ’’جنگل کا بادشاہ شیر اس وقت قریب المرگ ہے اس کی خواہش ہے کہ وہ اپنا جانشیں  تمھیں  بنا دے اس نے ہمیں اپنا نمائندہ بنا کر بھیجا ہے۔آج ہی تمھاری تاج پوشی کر دی جائے گی۔اس کے بعد جنگل میں  ہرن راج کا آغاز ہو جائے گا۔‘‘
بھیڑیا بولا ’’پہلے سے ہرن مینار  شیخوپورہ میں  موجود ہے اب صرف تمھاری تاج پوشی کی دیر ہے۔تمھارے جیسا حکمران آج تک جنگل کو نصیب نہیں  ہوا۔‘‘
بجو نے کہا’’ جب تمھاری تاج پوشی ہو گی ہم تمھارے مشیر ہوں  گے ابھی ہمارے ساتھ چلو اور اپنا سکہ جاری کر دو۔‘‘
ہرن اسی وقت آمادہ ہو گیا اور لومڑی،بجو اور بھیڑیے کے ہمراہ لولے لنگڑے جنگل کے بادشاہ کے غار میں  داخل ہو گیا۔جاہ و منصب کی خواہش بھی عجیب خواہش ہے یہ پل بھر میں  عقل و خرد کا سفیہ غرقاب کر دیتی ہے۔ہرن کہ دیکھتے ہی شیر کے منہ میں  پانی بھر آیا۔لومڑی،بھیڑیے اور بجو نے شیر کو ہرن کے سات طے پانے والی تمام شرائط سے آگاہ کر دیا۔
  اپنی اندرونی سفلگی،بد طینتی اور درندگی کو چھپاتے ہوئے شیر نے کہا ’’ میرا جا نشین ہرن ہی ہو گا۔ہرن مینار کے بعد اب ہرن کی لاٹھ  تعمیر ہو گی  ہر طرف ہرن کے نعرے بلند ہوں  گے۔آؤ میرے عزیز ہرن میں  تمھاری تاج پوشی کی رسم ادا کر کے اپنی ذمہ داری پوری کروں۔آؤ جنگل کے مستقبل کے حکمران  میں  اپنی بادشاہت تمھیں  منتقل کروں۔‘‘
   یہ سنتے ہی ہرن نے آؤ دیکھا نہ تاؤ شیر کی آغوش میں  جا بیٹھا۔پلک جھپکتے میں  شیر کے دانت ہرن کی شہ رگ میں  پیوست ہو گئے۔ہرن کی شہ رگ کا خون پینے کے بعد شیر نے ہرن کی کھال اپنے نوکیلے پنجوں  سے ادھیڑ ی۔اور تمام گوشت کے چار برابر حصے کر دیئے۔لومڑی،بجو اور بھڑیے کے منہ میں  پانی بھر آیا اور ان کی آنتیں  قل ہو اللہ پڑھنے لگیں۔انھیں  یقین تھا کہ آج شیر اپنا وعدہ وفا کرے گا۔وہ سب دل ہی دل میں متاسف تھے کہ اب تک ناحق شیر کی نیت پر شک کرتے تھے۔
     اچانک شیر زور سے دہاڑا۔شیر کی آواز سن کر سارا جنگل گونج اٹھا۔شیر نے کہا:
        ’’میں  نے حسب وعدہ  شکار کے چار حصے کر دیے ہیں۔‘‘
  لومڑی بولی ’’ اب ہمارے حصے ہمیں  دیں۔کل سے کچھ کھانے کو نہیں  ملا۔اس کم بخت ہرن کو بڑی مشکل سے فریب دے کر یہاں  لائے ہیں  ‘‘
    ’’ چار حصے تو میں  نے کر دئیے ‘‘ شیر نے گرج کر کہا ’’اب تقسیم اس طرح سے ہو گی ’’ پہلا حصہ میں  لوں  گا کیونکہ میں  علیل ہوں  اور مجھے غذا کی ضرورت ہے۔دوسرا حصہ بھی میرا ہے کیونکہ میں  جنگل کا بادشاہ ہوں ،تیسرا حصہ مجھے جنگل کے قانون کی شق آٹھ کے تحت ملے گا جسے کہیں  چیلنج نہیں  کیا جا سکتا۔اور رہ گیا آخری اور چوتھا حصہ وہ یہ میر ی  ناک کے نیچے پڑا ہے جس کو ضرورت ہے وہ آگے آئے اور اسے اٹھا کر لے جائے ‘‘
یہ سن کر لومڑی،بجو اور بھیڑیا وہاں  سے ایسے غائب ہوئے جیسے گدے کے سر  سے سینگ ۔
٭٭٭




مٹے نامیوں کے نشاں  کیسے کیسے 
(جنگل کہانی)



       زمانہ قبل از تاریخ میں بھی تاریخی شعور کے آثار ملتے ہیں۔تاریخ سے کوئی سبق نہ سیکھنا اور تاریخ کے مسلسل عمل سے یکسر بیگانہ ہو جانا دور جدید کا ایک ایسا منفی رجحان ہے جس نے زندگی کی اقدار عالیہ کی دھجیاں  اڑا کر رکھ دی ہیں۔یہ زمانہ قبل از تاریخ کا مذکور ہے  کہ دنیا میں  ایک وسیع و عریض جنگل ہو ا کرتا تھا۔اس جنگل کا بادشاہ ڈائنو سار تھا۔اس دیو ہیکل جانور کی ہیبت سے پورا جنگل کانپتا تھا۔شیر بھی اس عظیم الجثہ ڈائنو سار کے سامنے بلی بن جاتا تھا۔ڈائنو سار کی نسل اتنی طاقت ور اور بڑی جسامت کی تھی کہ جنگل کا کوئی اور جانور اس کا سامنا کرنے کی تاب نہ رکھتا تھا۔زرافہ اس ڈائنو سار کے سامنے چوہا دکھائی دیتا تھا۔اس ڈائنو سا رکی بھاری بھرکم دم ایک گرز کے مانند تھی،یہ جس جانور کو لگتی اس کا کام تمام کر دیتی۔اسے دیکھتے ہی جنگل کی تمام مخلوق  کی گھگی بند ھ جاتی اور خون آشام درندوں  کو نہ صرف دن کو تارے  دکھائی دیتے بلکہ چھٹی کے دودھ کے ساتھ  نانی بھی یاد آ جاتی۔ڈائنو سار بڑے ٹولوں  اور گروہوں  کی صورت میں پورے جنگل کا گشت کرتے  ایسا محسوس ہوتا کہ جنگلی حیات کے دلوں  کے ساتھ ساتھ دھرتی بھی دھڑک رہی ہے۔ڈائنو سار کا ہجوم جس طرف یلغار کرتا تمام جنگلی حیات جل تو جلال تو آئی بلا ٹال تو کا ورد کرنے لگتی۔ڈائنو سار کی ہیبت جہانگیر تھی۔وہ تمام درندے جن کا آج درندگی کے باعث لوگوں  کے دلوں کو دھڑکا لگا رہتا ہے ،ڈائنو سار کے سامنے بھیگی بلی بن جاتے تھے۔خاص طور پر شیر،ہاتھی،چیتا،بھیڑیا،ریچھ،تیندوا،اور خنزیر تو ڈائنو سار کو دیکھتے ہی ایسے  دم دبا کر  بھاگتے اور ایسے غائب ہوتے جیسے گدھے کے سر سے سینگ۔اس زمانے کے گدھے بھی آج کل کے گدھوں  کی طرح محض پانڈی ہی ہوتے تھے۔اس جنگل میں  کالی بھیڑیں ،سفید کوے ،بگلا  بھگت اور لومڑیوں  کی کثیر تعداد تھی۔پرانے درختوں  اور سنسان جنگلوں  میں  الو بڑی تعداد میں  رہتے تھے۔یہ الو جس درخت کی شاخ پر اپنا آشیاں  بناتے  اس کا سوکھنا ٹھہر جاتا بس صبح گیا کہ شام گیا۔الو ہر دور میں  اسی طرح نحوست،بد بختی،ذلت،تخریب اور ویرانی کی علامت  رہا ہے۔جب کہ بعض لوگ الو اور چغد کو فلسفی قرار دیتے ہیں۔سچ تو یہ کہ جو لوگ الو کی تعریف میں  زمیں  آسمان کے قلابے ملاتے ہیں  ان کا تعلق بھی اسی نسل سے ہے۔کند ہم جنس با ہم جس پرواز کی بات درست ہے۔
        ڈائنو سار نے طاقت کے بل بوتے پر ہر طرف اندھیر مچا رکھا تھا۔مجبور،بے بس اور مظلوم جنگلی حیات پر ستم ڈھانا اور ان کے چام کے دام چلانا اس بد نصیب جنگل میں  روز کا معمول تھا۔ڈائنو سار کی  ہیبت اور دہشت  کے باعث جنگلی حیات فکر،اندیشے اور خو ف و ہراس کے کرب میں  گھل گھل کے  لاغر ہوتے چلے گئے۔ان کی کیفیت سے صاف ظاہر ہوتا تھا کہ اگر ڈائنو سار کی مطلق العنان شاہی جنگل میں  برقرار رہی تو تمام جنگلی حیات بال کے برابر دبلی،پتلی اور لاغر ہو جائے گی۔ہر جانور زبان حال سے یہ پکار رہا تھا :
                           ظلم تیرے سہہ کے آدھا ہو گیا                    دیکھ ڈائنو اب میں  مو سا ہو گیا 
       اس جنگل میں  جو ا کھیلنا ایک عام شغل تھا۔در اصل جوے کے تمام  دھندے کو جنگل کے بادشاہ  کی آشیر باد حاصل تھی۔ڈائنو سار کی سرپرستی میں  جوے ،منشیات،درندگی،چیر پھاڑ اور خون آشامی کا کبھی نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری تھا۔جو جانور بھی جوا ہارتا اسے عبرت کی مثال بنانے کے لیے ڈائنو سار  کی طرف سے عجیب سزا دی جاتی۔جنگلی حیات کا کوئی بھی شعبہ جوے کی قبیح عادت سے بچا ہوا نہ تھا۔جوے کی بازی ہارنے والے بعض اوقات ڈائنو سار کے مجنونانہ،ظالمانہ  اور بد نیتی پر مبنی احکامات کی وجہ سے اکثر زندگی کی بازی بھی ہار جاتے۔یوں تو جنگل میں  تمام  جانوروں  کی زندگی ایک جبر مسلسل کے مانند تھی مگر جو کھیلنے والوں  کا واسطہ جن عقوبتی سزاؤں  سے پڑتا انھیں  دیکھ کر مگر مچھ بھی آٹھ آٹھ آنسو بہاتا،شتر مرغ ریت میں  سر چھپا لیتا تا کہ وہ اس صریح ظلم کو نہ دیکھ سکے لیکن ڈائنو سار جنگل میں  لگی آگ کو دیکھ کر خوشی سے پھولے نہ سماتا اور جنگل میں  بھڑکتے شعلوں  کو دیکھ کر دیپک راگ الاپتا۔سنا ہے بعد میں  نیرو  نے بھی روم کو سپرد آتش کر کے  بھی یہی روش اپنائی۔داستان گو کہتے ہیں  کہ نیرو بھی جوے ،منشیات اور شباب کی ترنگ سے دل کی امنگ کی تسکین کا دلدادہ تھا۔یہ بھی کہا جاتا ہے کہ جب بھی کسی کی بد قسمتی  اس کو دبوچ لیتی ہے تو خواہ کتنا ہی بلندی پر ہو پہاڑ کے نیچے آ کر رہتا ہے۔اس جنگل کو بھی اب تغیر و تبدل کا سامنا تھا۔لوٹ مار اور ظلم و ستم کی رات اب ختم ہونے والی تھی۔اس جنگل میں  تمام فیصلے ڈائنو  سار کا جرگہ کرتا تھا۔اس جرگے کا فیصلہ حتمی ہوتا اور اس کے خلاف  رحم کی اپیل کو کوئی تصور نہ تھا۔جس جنگل میں  اہل ہوس درندے مدعی بھی ہوں  اور منصف بھی وہاں  مظلوم جانور اپنے لہو سے ہولی کھیلنے پر مجبور تھے  اور کالے کٹھن دکھوں  کے پہاڑ  اپنے دل کا خون کر کے سر پر جھیل  رہے تھے۔
       ڈائنو کے جشن تاج پوشی کے موقع پر ایک جانور دوڑ کا اہتمام کیا گیا۔ خرگوش کچھوا اور کنڈیالا چوہا اس دوڑ میں  مد مقابل تھے۔اس زمانے میں  کچھوے کی لمبی گردن صرف باہر ہی کی سمت مضبوطی سے جڑی ہو تی تھی۔کنڈیالا چوہا بھی عام  چوہے کے مانند ہوتا تھا اور یہ دونوں  پرانے حریف تھے۔کچھوے اور کنڈیالے  چوہے کو یہ زعم تھا  کہ خرگوش  نیند کا متوالا ہے اور ہمیشہ مردوں  سے شرط باندھ کر سوتا ہے۔انھوں  نے خرگوش کی غیر ذمہ دارانہ  روش اور تن آسانی کی وجہ سے اسے دوڑنے کا چیلنج کیا۔ڈائنوسار نے اعلان کیا کہ جو بھی دوڑ میں  ہار جائے گا اس کے کان کاٹ لیے جائیں  گے۔ڈائنو سار نے جنگل میں  اس قسم کے عقوبتی طریقے اپنا کر اپنی دھاک  بٹھا رکھی تھی۔اعضا کی قطع و برید کی اس قسم کی سزاؤں  کی وجہ سے تمام جانور ڈائنو سار سے بیزار ہو چکے تھے۔اس کے باوجود پورے جنگل میں  ہو کا عالم تھا۔مسلسل شکست دل کے باعث ایک بے حسی کا عالم تھا۔بہت سے جانور اپنے نا کردہ گنا ہوں  کی پاداش میں  جنگل کے بادشاہ ڈائنو سار کے ظالمانہ احکامات کے تحت ناک اور کان کٹو اچکے تھے۔اس تمام ذلت اور رسوائی کے باوجود بے حسی کا یہ عالم تھا کہ نکٹے اور کن کٹے جنگل کے بادشاہ کے مصاحب بن بیٹھے تھے۔نکٹے اور کن کٹے  جانور جنگل کے بادشاہ کو غلط مشورے دیتے اور اس اندھیر نگری میں  خوب رنگ رلیاں  مناتے۔
     دوڑ شروع ہونے کا دن آ ہی گیا۔اس دوڑ کے ضامن بھی تھے۔چمگادڑ نے کنڈیالے چوہے کی ضمانت دی،الو نے کچھوے کی ضمانت دی۔دیو ہیکل،قوی الجثہ ڈائنو سار اور اس کے  دم کٹے ،کان کٹے اور نکٹے مشیروں کا ایک ہجوم یہ تماشا دیکھنے کے لیے جمع تھا۔دوڑ کا آغاز ہوا۔خرگوش جس کے لیے سگان ترکی و تازی کو جل دے کر آگے نکل جانا معمولی بات تھی،اس نے دیکھتے ہی دیکھتے جست لگائی اور منزل کی جانب تیزی سے آگے نکل گیا اور جلد ہی منزل مقصود پر جا پہنچا۔کنڈیالا چوہا اور کچھوا اپنی روایتی کاہلی،تن آسانی اور سست روی کے باعث بہت پیچھے رہ گئے۔ڈائنو سار نے گردن اکڑا کر اور دم جھاڑ کر جرگے کا فیصلہ سنایا کہ ہارنے والوں  اور ان کے ضامنوں  کے کان کاٹ لیے جائیں۔یہ سننا تھا کہ کچھوے  کی گردن جو روز ازل سے پتھر جیسی جلد پر باہر کی جانب نصب تھی،وہ اس نے اندر کھینچی تو اندر غائب ہو گئی۔اس کے بعد کچھوے نے ایک گہری جھیل میں  چھلانگ لگا دی۔کنڈیالے چوہے نے بھی آؤ دیکھا نہ تاؤ کچھوے کے مانند  اپنی گردن اندر کھینچی اور ایک گیدڑ بن کر لڑھکتا ہو ایک گہرے غار میں  جا گرا۔حالانکہ پہلے وہ ایسا کبھی نہ تھا۔اب ضامن بھی روپوش ہو گئے۔چمگادڑ نے دن کو مستقل طور پر روپوش ہونے کا فیصلہ کر لیا اور تاریک کونوں  کھدروں ،درختوں  کے جھنڈ اس کا مسکن بن گئے۔الو نے اجاڑ اور ویران علاقوں  کا رخ کیا یہ تمام پیمان شکن اپنی بد اعمالیوں  کے باعث اپنے انجام کو پہنچ گئے۔وہ کس منہ سے اپنی رسوائی،رو سیاہی اور جگ ہنسائی کی روداد بیان کرتے۔سیل زماں  کا ایک تھپیڑا ایسا آیا کہ ڈائنو سا رکی نسل ایک جلد ی بیماری میں  مبتلا ہو گئی۔ان کی  لمبی،بد وضع ،کھردری اور طاقتور دم گلنے سڑ نے لگی اور ان پر کیڑے مکوڑوں  اور چیونٹیوں  نے دھاوا بول دیا۔فطرت کی تعزیروں  کی زد میں  آتے ہی ڈائنو سار کی پوری نسل ہی صفحہ ء ہستی سے معدوم ہو گئی۔بلی اور لومڑی نے یہ صورت حال دیکھی تو شیر کے پاس جا پہنچیں۔بلی شیر کی خالہ تھی۔اس نے شیر سے کہا :
’’      اے میرے بھانجے جنگل کا بادشاہ ڈائنو سار اور اس کی تمام نسل نیست و  نابود ہو گئی ہے۔کوئی بھی جنگل بادشاہ کے بغیر نہیں  رہ سکتا۔تم میں  بادشاہ کی ساری خوبیاں  موجود ہیں۔تم یہ منصب فوری طور پر سنبھال لو۔اس سے پہلے کہ کوئی اور جانور مہم جوئی کرے تم اپنی بادشاہت کا اعلان کر دو۔‘‘
       لومڑی بولی ’’درندگی،بے رحمی،خون آشامی  اور مکاری و عیاری تم نے بلی سے سیکھ رکھی ہے۔اب دیر کس بات کی ؟اسی وقت جنگل میں اپنی مطلق ا  لعنان بادشاہت کا اعلان کر دو۔‘‘
       شیر زور سے دہاڑا ’’آج سے شیر جنگل کا بادشاہ ہو گا۔اس بات کی منادی کر دی جائے۔جس کو میر ی بادشاہت  میں  شک و شبہ ہے وہ میرے ساتھ آ کر کشتی کر لے ،اس کو نہ صرف اپنی اوقات بلکہ آٹے دال کا بھاؤ بھی معلوم ہو جائے گا۔‘‘
     وہ دن اور آج کا دن جنگل میں  جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے ضابطے نافذ ہیں   اور تمام جنگلی حیات نسل در نسل شیر کے سامنے کورنش بجا لاتی ہے۔

٭٭٭                   



انہونی


        ناصف بقال بھی عجیب ننگ انسانیت وحشی تھا،وہ چلتا تو دو طرفہ ندامت اور بھرے بازار کی ملامت اس کا تعا قب کرتی رہتی۔انسانیت پر مصائب و آلام کے پہاڑ توڑ کر سادیت پسندی کا یہ مریض لذت ایذا حاصل کرتا۔انسانیت کی توہین،تذلیل،تضحیک اور بے توقیری اس کا وتیرہ تھا۔اس فرعون کے ہاتھوں  رتیں  بے ثمر،عمریں  مختصر،آہیں  بے اثر،کلیاں  شرر،زندگیاں  پر خطر اور گلیاں  خوں  میں  تر ہو گئیں۔یہ شخص ہلاکو خان، چنگیز خان اور بش کو بھی مات کر گیا۔اس درندے کے بے رحمانہ انتقام،شقاوت آمیز نا انصافیوں اور جبر و استبداد کی زد میں  آنے والے قسمت سے محروم،بے بس و لاچار مظلوم گریہ کناں  ہر وقت دہائی دیتے اور جھولیاں  آسمان کی طرف اٹھا کر کہتے تھے کہ خدا جانے فطرت کی تعزیریں  اس پر کب لاگو ہوں  گی؟کب اس شقی القلب موذی و مکار گرگ باراں  دیدہ کا سفینہ غرقاب ہو گا؟
        دنیا میں  بے غیرتی،بے ضمیری، بے حسی اور بے حیا ئی کا اگر کو ئی ایوارڈ ہو تا تو وہ یقینا ناصف بقال خان کے کے حصے میں  آتا۔مشکوک نسب کا یہ وحشی زمین کا بو جھ بن گیا تھا۔ یہ جس طر ف بھی جاتا اس کی بے بصری،کور مغزی، خست و خجالت اور مظلوموں  کی لعنت ملامت اس کی ہم رکاب رہتی۔جہاں  بھی اس ناہنجار کا قیام ہوتا وہاں  ذلت،تخریب،نحوست،  وحشت  و بربریت،بے توفیقی اور بے بر کتی کے کتبے نوشتہ تقدیر کے مانند آویزاں  ہو جاتے۔ اس کے جسم سے عفونت اور سڑاند کے ایسے بھبھوکے اٹھتے کہ سانس لینا دشوار ہو جاتا۔ چور محل میں  جنم لینے والا سانپ تلے کا یہ بچھو چور دروازے سے گھس کر جاہ و منصب پر غاصبانہ قبضہ کرنے کے لیے اپنے گھر کی تمام عورتوں  کو سیڑھی کے طور پر استعمال کرتا اور اس بے ضمیری اور بے غیرتی پر اتراتا اور خوشی سے پھولے نہ سماتا۔اس ننگ وجود کے بارے میں  جو کچھ پس منظر ہے وہ چشم کشا بھی ہے اور چیرہ دستوں  کے لیے تازیانہ ء عبرت بھی ہے۔ہر دور میں  زمین کے ایسے بوجھ کا  نام تاریخ کے اوراق میں  سیاہ حروف میں  لکھا جاتا رہے گا۔اس کے کر دار اور ذہن کے افلاس کی لرزہ خیز اور شرم ناک کیفیت دیکھ کر ناطقہ سر بگریباں  اور خامہ انگشت بدنداں  رہ جاتا۔واقفان حال کی زبانی جو احوال معلوم ہوا اس اجمال کا کچھ منظر نامہ اس طرح تھا۔
         تقسیم  ہند نے حالات کی کایا پلٹ دی۔ ناصف بقال خان کا خاندان جالندھر کے جرائم پیشہ لوگوں  کی کچی آبادی میں  جسم فروش طوائفوں  کے ہاں  ایک  میں  کوٹھے پر مقیم تھا۔قحبہ خانہ کی خرچی  ہی اُن کی آمدنی کا واحد ذریعہ تھا۔ اس کے خاندان کی جسم فروش رذیل طوائفوں  نے جنس کی جو گنگا بہا رکھی تھی۔سارا  ہند سندھ اس بہتی گنگا میں  ہاتھ دھوتا اور اپنا سب کچھ گنوا کے فارغ ہوتا۔  متعدد خوشحال گھرانے ان  بے ضمیر طوائفوں  کی لوٹ مار کے باعث کوڑی کوڑی کے محتاج  ہو گئے۔سیکڑوں  گھر بے چراغ ہو گئے۔جہاں  کبھی سرو و صنوبر آسمان سے باتیں  کیا کرتے تھے وہاں  زقوم کثرت سے سر اٹھانے لگے۔ گلشن میں  جہاں  بھی ان لوگوں  کے سبز قدم پڑتے وہاں  ہر شاخ پر بوم،شپر، زاغ و زغن کا بسیرا ہو جاتا۔یہ خفاش منش لوگ انجام سے بے خبر اپنا الو سیدھا کرنے اور حسن،جسم اور شباب کی ہوس میں  اندھے ہونے والوں  کو چلو میں  الو بنا کر اپنی تجوری بھرنے میں  لگے رہتے۔ جب آزادی کی صبح درخشاں  طلوع ہوئی تو یہ طوفان بلا بھی ارض پاک کی طرف بڑھا۔یہ حالات کی ستم ظریفی نہیں  تو اور کیا ہے کہ منزل پر ان لوگوں  نے غاصبانہ قبضہ کر لیا جو راہ طلب میں  نہ کبھی معتبر تھے اور نہ ہی جد و جہد آزادی میں  شریک سفر تھے۔یہ باعث ننگ لوگ جو کہ دھرتی کا بوجھ تھے اور جالندھر میں  ایک چکلہ دار کے ہاں  کرائے کے کوٹھے میں  رہتے تھے ،ہجرت کے بعد جب پاکستان آ دھمکے تو کئی جعلی کلیم ان کے پاس تھے۔ کئی مربعے زرعی زمین کے علاوہ جھنگ میں  انھیں ایک وسیع و عریض کوٹھی بھی الاٹ ہو گئی۔اب یہاں  عقوبت خانہ قائم کر کے ان لوگوں  نے مجبوروں  کے چام کے دام چلائے۔ایک واقف حال سلامت اللہ نے بتایا:
     ’’    بے غیرتی،بے ضمیری،۔  جعل سازی،کفن دزدی،چربہ سازی اور ابن الوقتی ناصف بقال خان کے خاندان کی پہچان تھی۔گناہ کی دلدل میں  دھنسے اس چکلہ دار خاندان کا نام سنتے ہی لوگ کانوں  کو ہاتھ لگاتے اور توبہ توبہ استغفار کرتے۔اس خاندان کی بے حسی کا یہ حال تھا کہ اس کے تمام افراد مجبور انسانیت کو مصائب و آلام کی بھٹی میں  جھونک کر دیوانہ وار رقص و سرود میں  مصروف ہو جاتے۔‘‘
         کرم دین نے دکھ بھرے لہجے میں  کہا:
      ’’ ناصف بقال کی ماں  کامنی نے کنوار پن میں  اس موذی کو جنم دیا۔اب جعل سازی کے ذریعے کھبال خان کو اس مشکوک نسب کے منحوس نو مولود کا باپ ظاہر کیا گیا۔یہ بات تو پوری دنیا کہ معلوم تھی کہ بمبئی تھیٹر کا  بد نام رقاص اور منشیات کا عادی کھبال خان پیدائشی خواجہ سرا تھا۔یہ مورکھ  ناصف  بقال کی ماں  کامنی کو رقص کی تر بیت دیتا اور اس پیشہ و ر جسم فروش رذیل  طوائف کا بھڑوا بن کر اپنا رانجھا راضی کرتا۔مایا کے ذریعے اللے تللے کرتا اور دیوی کے درشن لوٹتا۔یہ بھڑوا خواجہ سرا  اب ایک طوائف کے حرامی بیٹے کا باپ کہلاتا اور خوب ہنہناتا،کامنی کے پیسوں  سے گلچھرے اڑاتا۔ دانا لوگ اکثر  کہتے  پہاڑ کی بلند و بالا  چوٹی پر بیٹھنے  سے گدھ عقاب نہیں  بن جاتا اور باغ کے کسی درخت کی کھوہ میں  دم دبا کر چھپ جانے سے بوم سرخاب نہیں  بن جاتا۔  اس کے باوجود یہ اپنی ملمع سازی پر خوب اتراتا۔‘‘
     نتھا خان آہ بھر کے بولا:
   ’’کھبال خان نے یہ اندازہ لگا لیا تھا کہ آنے والا دور خواجہ سراؤں  کا نہیں  بلکہ محل سراؤں  کا ہو گا۔وعدوں  کے بجائے وعدہ معافوں  اور مضمون کے بجائے محض لفافوں  پر انحصار ہو گا۔یہ شخص عقل کا اندھا مگر گانٹھ کا پورا تھا۔‘‘
        ’’پھر کیا ہوا‘‘ میں  نے حیرت سے پوچھا ’’یہ کہانی  تو بڑی پر اسرار بن رہی ہے۔گناہ کی دلدل میں  دھنسے اس کر دار سے عاری خاندان نے کیا کیا گل کھلائے اور زر و مال کی ہوس میں  کیسے پاپڑ بیلے اس کے بارے میں  ضرور کچھ بتائیں۔’’
  نتھا خان کھانستے ہوئے بولا:
            ’’ دنیا کی تاریخ کی اس بہت بڑی ہجرت کے وقت جہاں  قیمتی زندگیاں  اور بیش بہا املا ک سے ارض پاکستان کی جانب آ نے والے مہاجرین کو محروم ہونا پڑا وہاں  سیل زماں  کے تند و تیز تھپیڑوں  میں زندگی کی اقدار عالیہ اور درخشاں  روایات کو بھی کھبال خان جیسے لوگوں  کی کور  مغزی اور بے بصری نے غرقاب کرنے کی مذموم کوشش کی۔ چڑھتے سورج کے پجاری اور ہوا کا رخ دیکھ کر پینترا بدلنے والے اس خسیس نے  ایسے ایک ایسے شخص سے جس کے ہاتھ بہت لمبے تھے مگر عقل کوتاہ تھی یہ کہا کہ اگر چہ وہ پرائمری فیل ہے لیکن اس کے لیے کو ئی بڑی اور معقول تعلیمی  ڈگری مل جائے تو ممکن ہے ہجرت کے بعد اسے کوئی مناسب روزگار مل جائے۔ ڈگر یوں  کی لوٹ سیل جار ی تھی کھبال خان کو چند ٹکوں کے عوض ایم۔اے انگریزی کی ڈ گری تھمادی گئی۔ نتائج سے بے خبر کھبال خان ادھر انگریزی ادبیات کی تد ریس پر مامور ہو گیا۔خدا خلاصوں  اور گائیڈوں  کے مصنفین کی خیر کرے۔متفنی مسمار قوم انہی بیساکھیوں  کے سہارے کھڑے ہیں اور نئی نسل کا کام تمام کرنے میں  مصروف ہیں۔ کھبال خان کی جعل سازی کا پردہ ایک مدبر رانا عبدالحمید نے فاش کیا۔اس کے بعد کھبال خان جھنگ کے تعلیمی منظر سے ایسے غائب ہو گیا جیسے گدھے کے سر سے سینگ۔یہ مسمار قوم   شعبہ تعلیم سے بے نیل مرام دھتکار اور پھٹکار ملنے کے بعد اب پھر سے اپنے آبائی پیشے کی لوٹ آیا اور لاہور کے شاہی محلے کی ہیرا منڈی میں  کامنی اور ناصف بقال کو لے کر چکلہ دار بن گیا۔‘‘
        ’’تف ‘‘ بابا علم دین بولا ’’پہنچی وہیں پہ خاک جہاں  کا خمیر تھا۔‘‘
           ’’اف میرے خدا ‘‘ رحمت اللہ بولا ’’ موری کی اینٹ اپنی اصلی جگہ پر لگتی ہے۔ ایسے لوگ عفونت میں  سنڈاس سے بھی بد تر ہوتے ہیں۔کوئی انھیں  منہ نہیں  لگاتا۔یہ لوگ بے شک اپنے منہ میاں  مٹھو بنتے پھریں  ان کا کچا چٹھا ہر آدمی کے علم میں  ہوتا ہے۔اچھا یہ تو بتائیں کہ 
ناصف بقال خان کا کیا بنا؟ یہ کرگس زادہ دکھی انسانیت کے بے گور و کفن سسکتے لاشے کو نوچنے کے لیے اپنی نجس منقار کیسے پیوست کرنے میں  کامیاب ہوا ؟یہ کہانی تو بڑی اعصاب شکن ہے۔ ‘‘
      نتھا خان نے حقے کے کش لیتے ہوئے بتایا:
      ’’ناصف بقال خان کو نجاست اور خباثت ورثے میں  ملی تھی۔یہ مجبوروں  پر ستم کر کے لذت ایذا حاصل کرتا۔شاہی محلے اور ہیرا منڈی لاہور سے ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد آزادی کے چند سال بعد  یہ  طوائف زادہ لندن کے کنگز کالج جا پہنچا۔تعلیمی اخراجات پورا کر نے کے لیے کا منی نے آزادی سے پہلے ہی اپنی بیٹی ایک انگریز کے ہاتھ فروخت کر دی تھی۔ کامنی کی یہ بیٹی  چندے آفتاب چندے ماہتاب تھی۔وہ انگریز نوجوان اس  طوائف کی زلف گرہ گیر کا ایسا اسیر ہوا کہ متحدہ ہندوستان میں  دس سالہ قیام کی تمام جمع پونجی کامنی کے قدموں  پر نچھاور کر دی اور پکاڈلی سرکس کے قریب اپنا آبا ئی مکان بھی ان بردہ فروش اٹھائی گیروں  کے نام کر دیا۔۔یہ ایک طویل المدت منصوبہ تھا۔لندن میں  ناصف بقال خان اپنی بہن اور بہنوئی کے گھر ٹھہرا۔ وہاں  اس نے  چند ماہ بعد اپنے بہنوئی کا گلا گھونٹ کر اسے ہلاک کر دیا۔ بہنوئی کی وفات کے بعد یہ اس کی تمام جائیداد اور مال و دولت کا مالک بن بیٹھا اور خوب رنگ رلیاں منائیں۔ جنسی جنون اور اخلاقی بے راہ روی میں  راسپوٹین کو بھی مات کر دیا۔‘‘
        ’’ یہ تو بہت بری بات ہوئی‘‘ میں  نے کہا ’’ وطن سے دور رہ کر ایسی حرکات کر نے سے تو ملک اور قوم کی بد نامی ہوتی ہے ‘‘
       ’’ ہونہہ ‘‘ علم دین بولا ’’ رشتوں  کا تقدس، وطن کی محبت کا خیال تو انسانوں  کا وصف ہے۔ درندوں  سے اس کی توقع رکھنا احمقوں  کی جنت میں  رہنے والی بات ‘ہے۔ایسے لوگ اپنے معاشرے اور تہذیب و ثقافت کے لیے گالی بن جاتے ہیں۔حنظل سے شیرینی کی توقع عبث ہے ‘‘ 
رحمت اللہ کہنے لگا ’’ کا منی جو پورے ملک کا مورا تھی  ساری غلاظت اس میں  آ کر گرتی تھی اس کی متعفن اور غلیظ گود میں  پلنے والا والے سانپ تلے کے بچھو سے کسی قسم کی بھلائی کی توقع رکھنا  محض تخیل کی شادابی یا احمقوں  کی جنت میں  ڈیرے ڈالنے کے علاوہ اور کیا کہلا سکتا ہے ؟ایسے لوگ جو فروش گندم نما  اور مار آستین ثابت ہوتے ہیں۔‘‘
            ’’تاریخ کا ایک مسلسل عمل ہوتا ہے ،جو فصل ہم کاشت کرتے ہیں  اس کی کٹائی بہرحال ہمیں  کو کرنا ہوتی ہے ‘‘نتھا خان بولا’’بہنوئی 
کو قتل کرنے کے بعد ناصف بقال بے روک ٹوک دندناتا پھرتا۔یہ سگ آوارہ اپنی سگی بہن کو  ہوس بھری غلیظ اور للچائی نگاہ سے دیکھتا تھا۔ گلی محلے والے  اس بات سے سخت نالاں  تھے کہ ناصف بقال کئی بار اپنی حقیقی بہن کے ساتھ  قابل اعتراض  حالت میں  غسل آفتابی کرتے ساحل سمندر پر دیکھا گیا اور کبھی عریاں  لوگوں  کے کیبرے میں  دونوں  شراب کے نشے میں  بدمست محو رقص پائے گئے۔ المیہ یہ ہوا کہ شوہر کی وفات کے دو برس بعد ناصف بقال کی بہن نے دو جڑواں  بچیوں  کو جنم دیا۔ حالانکہ ناصف بقال کی بہن شوہر کے قتل کے بعد گزشتہ دو برس سے بیوگی کی چادر اوڑھے اپنے بھائی کے ساتھ تنہا رہتی تھی۔اپنے شوہر سے اس کی کوئی اولاد نہ تھی۔‘‘
          ’’ہائے  ہائے یہ تو قیامت کی نشانی ہے ‘‘ میں  بولا ’’بیوہ کی اولاد اور بغیر شادی کے ؟‘‘
          ’’ یہ ایک اور انہونی ہے ‘‘ علم دین نے پسینہ پیشانی سے صاف کرتے ہوئے کہا ’’یہ نیا چاند کیسے چڑھا؟
           نتھا خان  بولا ’’لوگوں  کا منہ کون بند کر سکتا ہے ؟ جتنے منہ اتنی باتیں۔سب لوگ یہی کہتے کہ ناصف بقال خان نے منہ کالا کیا ہے قرائن اور شواہد سے بھی اس بات کی تصدیق ہو تی تھی جب پورا معاشرہ ہی جنسی اور اخلاقی بے راہروی کا شکار ہو تو اصلاح احوال کی نہ تو کوئی صورت نظر آتی ہے اور نہ ہی کر دار میں  بہتری کی کوئی امید بر آتی ہے۔‘‘
        ’’زبان خلق کو نقارۂ خدا سمجھو‘‘ علم دین بولا ’’کامنی کا بچہ کچھ بھی کر سکتا تھا۔ ناصف بقال نے کچھ پڑھا بھی یا ماں  باپ کی طرح آوارگی میں  مصروف رہا۔اس کی تعلیم کا کیا ہوا؟‘‘
         نتھا خان بولا’’ یہ چربہ ساز جعل سازی کے ذریعے فلسفے کی بڑی ڈگری ہتھیانے میں  کامیاب ہو گیا۔دولت کے بل بوتے پر اس معاشرے میں  ہر نا ممکن کام کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔یہ جید جاہل عطائی رواقیت کا داعی بن بیٹھا۔ناصف بقا ل کے لندن میں  قیام کے دوران کھبال خان اور کامنی کو کسی نے لاہور میں  موت کے گھاٹ اتار دیا ان کی لاشیں  قحبہ خانے کی تنگ و تاریک کوٹھڑی میں  کئی دن گلتی سڑتی رہیں۔ جہاں  ملخ و مور نے ان لا شوں  کے بخیے ادھیڑ کر رکھ دیے۔جب پورا علاقہ متعفن ہو گیا تب بلدیہ نے خاکروبوں  کو بلایا اور بادامی باغ  لاہور کے مغربی کنارے انھیں  گھسیٹ کر ایک گڑھے میں  دبا دیا گیا۔نہ کہیں  جنازہ اٹھا  اور نہ ہی کوئی آنکھ ان کے لیے اشک بار ہوئی۔کچھ دنوں  کے بعد عین  اسی مقام پر پبلک بیت  الخلا تعمیر کیا گیا  جو کہ آج تک وہاں  موجود ہے۔‘‘
          علم دین قہقہہ لگاتے ہوئے ’’تبھی تو ان کی آخری عقوبت گاہ پر ہمہ وقت لوگوں   کا جمگھٹا لگا رہتا ہے۔مر کے یہ ننگ انسانیت خوب رسوا ہوئے۔لاہور آنے والا ہر مسافر جب آزادی چوک پر بس سے اترتا ہے تو ناصف بقال خان کے بزرگوں  کی نشانی پر حاضری ضرور دیتا ہے۔یہ ہوتی ہیں  فطرت کی تعزیریں۔وہاں  دیر ہے مگر اندھیر نہیں   ‘‘
           نتھا خان بو لا’’اپنی حقیقی بہن اور اس کی اولاد کو لندٍن میں  چھوڑ کر ناصف بقال خان لاہور آ دھمکا۔ یہ متفنی کالا انگریز اپنے آپ کو ارسطو ثانی قرار دیتا اب وہ شادی کے بندھن میں  بھی بندھ چکا تھا۔ ہیرا منڈی میں  اس کے سسرال نے اس کی خوب آؤ بھگت کی۔ اپنے آبائی ہتھکنڈوں کو رو بہ عمل لاتے ہوئے یہ باؤلا سگ آوارہ  دم دبائے کوڑے کے ڈھیر سے جاہ و منصب کی ہڈیاں  تلاش کر نے میں  کامیاب ہو گیا‘‘
            یہ شیخ چلی منش مخبوط الحواس،فاتر العقل جنسی جنونی اپنی جہالت کا انعام پاکر شیخ الجامعہ بن بیٹھا۔جب اس کرگس نے عقاب کے نشیمن پر غاصبانہ قبضہ کر لیا ’’ تو حبس کے ماحول میں  تمام طیور پر عرصہ حیات تنگ ہو گیا  کیسے کیسے آفتاب و ماہتاب اس عقرب کی  زد میں  آ کر گہنا گئے تاریکیاں  بڑھنے لگیں۔روم جل رہا تھا مگر یہ نیرو چین کی بانسری بجا کر شباب اور شراب سے دل بہلانے میں ہمہ وقت  مصروف رہتا۔اجلاف وارزال اور سفہا کی پانچوں  گھی میں  تھیں۔ یہ راجہ اندر پریوں  کا اکھاڑہ سجا کر داد عیش دیتا۔لاٹ صاحب کے لیے رسد کے تمام انتظامات اس نے سنبھال رکھے تھے اس لیے اسے لاٹ صاحب کی آشیر باد بھی حاصل تھی۔اس نے تو آوے کا آوا ہی بگاڑ دیا اور لٹیا ہی ڈبو دی۔دہشت گردی،بھتہ خوری اور منشیات فروشی سے اس نے بے پناہ کالا دھن کمایا۔
         شباہت شمر نام کی ایک رذیل جسم فروش طوائف اسے انگلیوں  پر نچاتی اور یہ مورکھ اس کی عیاری اور مکاری کے سامنے تھالی کا بینگن ثابت ہوا یہ ایسا چکنا گھڑا تھا کہ محفل موسیقی میں  جب رقص کے دوران یہ شباہت شمر کی بانہوں  میں  سے کثرت مے نوشی کے باعث لڑ کھڑا کر گرتا تو شباہت شمر اور اس کے خاندان کے سارے بھانڈ بھڑوے اسے ٹھوکریں  مارتے۔مگر یہ ٹس سے مس نہ ہوتا یہ مسخرا دامن جھاڑ کر اٹھ کھڑا ہوتا اور کبھی کبھی کسی سازندے کو دولتی مارتا تو جواب میں  جوتے کھاتا۔ اس کے بعد سب رقص ابلیس کا منظر پیش کرتے اور شرم و حیا کو بارہ پتھر کر دیا جاتا۔شباہت شمر اور اس کی ہمجولیاں  جامے سے باہر ہو جاتیں  اور شرم و حیا کو غرقاب کر دیا جاتا۔ مست کب بند قبا  باندھتے ہیں 
         ’’ہونہہ۔۔۔۔یہ فلسفہ زدہ  کالا انگریز اپنی بساط اور اوقات بھول گیا۔ سینگ کٹا کر بچھڑوں  میں  شامل ہو جاتا‘‘ علم دین بولا ’’کیا کوئی ایسا نہ تھا جو اس استر کو  لگام  دیتا؟  زبان خنجر اگر چپ بھی رہے تو آستیں  کا لہو زبان حال سے سب حرف و حکایت بیان کر دیتا ہے۔‘‘
          ’’ اس حمام میں  سب ننگے تھے ‘‘ نتھا خان بولا ’’اہل علم و دانش کو اس  جید جاہل ناصف بقال نے ذہنی اور جسمانی اذیتیں  دے دے کر جامعہ بدر کر دیا۔اس وحشی کے چار سالہ قیام کے دوران میں  گلشن میں  سفاک ظلمتوں  کے باعث روشنی کا سفر کالعدم ہو گیا۔ جو حق و صداقت کی بات کرتا اسے قمچیوں  سے زبوں  کیا جاتا۔اس نے بے بس ملازموں  کی امیدوں  کی فصل غارت کر دی اور اس کی بے رحمی کی وجہ سے ان کی دن رات کی محنت اکارت چلی گئی ایسا محسوس ہوتا تھا کہ فراعنہ کے سروں  کی فصل اب پک چکی تھی۔جن پہ باطن ایام روشن ہے وہ اولی الامر کو دی جانے والی یہ صدا صاف سن رہے تھے کہ سب اپنی اپنی فرد عمل سنبھالیں۔ دست قضا نے اب اپنے ہاتھ میں  درانتی سنبھال لی تھی۔‘‘
علم دین یہ باتیں  نہایت توجہ سے سن رہا تھا۔کبھی کبھی وہ ناصف بقال کی مجنونانہ حرکات پر تبسم زیر لب کی حالت میں  سنجیدہ ہونے کی کوشش بھی کرتا۔ایسا محسوس ہوتا کہ وہ اپنے آ نسو ہنسی کے خوش رنگ دامنوں میں  چھپانے کی سعی ناکام کر رہا ہے۔
          اب علم دین کھانستے ہوئے بولا ’’زندگی اپنی اصلیت کے اعتبار ایک غیر ملکی زبان کے مانند ہے اکثر مبتدی اس کے لسانی امور سے لاعلمی کی وجہ سے اس کی تفہیم تو دور کی بات ہے اس کے صحیح تلفظ کی استعداد سے یکسر عاری ہوتے ہیں۔اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وہ کارزار ہستی کے گلزار ہست و بود میں  خلق خدا کی غائبانہ آواز نہیں  سن پاتے۔وہ جنھیں  نوائے سروش کی زباندانی کا زعم ہوتا ہے وہ ایسے لوگوں  کا تمسخر اڑاتے ہیں۔زر و مال اور جاہ و منصب کا نشہ انسان کو درندگی کی سطح تک پہنچا دیتا ہے۔ناصف بقال کی بد اعمالیوں  کے باعث وہ تقدیر اور فطرت کی تعزیروں  کے ایسے کھیل میں  الجھتا چلا جا رہا تھا اور سفاکی اور سفلگی کی  ایسی قبیح چالیں  چل رہ ا تھا جس میں  یقینی ہار اس کا شدت سے انتظار کر رہی تھی۔‘‘
      بزرگ لمحہ لمحہ یکجا کر کے جس دلنشیں  انداز میں  حقائق بیان کر رہے تھے اُنھیں  سن کر ہوس زر سے مجبور ہو کر ہر آمر کے در پر دُم ہلانے والے اور فراعنہ کی چوکھٹ چاٹنے والے سگانِ راہ سے نفرت مزید بڑھ گئی۔یہ کہانی اب گفتگو سے نکل کر سرحدِ ادراک تک جا پہنچی۔میں معاً سوچنے لگا کہ فرعون،نمرود،چنگیز خان اور ہلاکو خان کے مظالم،وحشت و بربریت اور شقاوت آمیز نا انصافیوں  کو آخرکار بیخ و بن سے اُکھاڑ پھینکنے کا آغاز ہوہی جاتا ہے۔وفا پرستوں  کے اپنے اصول ہوتے ہیں  آلام روزگار کے مہیب بگولوں  کی زد میں  آ کر بھی وہ روایتوں  سے سرکشی کا تصور بھی نہیں  کر سکتے۔ناصف بقال جیسے سفلہ،کور مغز،بے بصر،جنسی جنونی اور ننگ انسانیت کے لیے دنیا بھر کی پھٹکار کیا حیثیت رکھتی ہے۔
             ناصف بقال خان ایک جو فروش گندم نما وحشی تھا انسانیت کی توہین،تذلیل،تضحیک اور بے توقیری کر کے یہ مسلسل لذت ایذا حاصل کرتا اسی آرزو میں  جیتا اور اسی آٓرزو میں  مرتا۔ماہرین نفسیات کا کہنا تھا کہ یہ ابلہ ایک نفسیاتی عارضے سادیت پسندی (SADISM ( کا مریض تھا۔ یہ مسخرہ رواقیت کا داعی بن بیٹھا۔مجھے اکثر احساس ہوتا کہ آج نہیں  تو کل یہ خارش زدہ سگ آوارہ اور اس کے چور محل کی کاتک کی کتیا شباہت شمر فطرت کی سخت تعزیروں  کی زد میں  آ کر رہیں  گے۔
        اچانک نتھا خان نے مجھے چونکا دیا وہ بولا:
            ’’ ناصف بقال مظلوموں ، مجبوروں  اور محروموں  کے چام کے دام چلا رہا تھا مسلسل شکست دل سے وہ بے حسی تھی کہ قومی وسائل کو لوٹ کر مسائل کا مداوا ڈھونڈنے والوں  کے ہاتھوں  میں  یہ بے ضمیر کٹھ پتلی بن گیا۔‘‘
            ’’یہ صحیح ہے ‘‘ میں  نے کہا ’’ناصف بقال اور شباہت شمر نے ہوس زر اور جاہ و حشم کو ہی آخری ہدف قرار دے رکھا تھا۔ناصف بقال ایک کرگس زادہ تھا وہ پچھلپائی شباہت شمر کی بانہوں  میں  بانہیں ڈال کر داد عیش دیتا مے گلفام سے سیراب ہو کر اول فول بکتا اس کی ہذیان گوئی اور ہرزہ سرائی کو سن کر سب لوگ لا حول پڑھتے تھے ‘‘
           رحمت اللہ کہنے لگا ’’یہ شخص اس حقیقت کو بھول گیا کہ فطرت کی تعزیریں  نہایت سخت ہوتی ہیں۔چیرہ  دستوں  کو اس کا احساس تک نہیں  ہوتا۔ناصف بقال اور شباہت شمر نے ایک مادر علمی کو ایک عقوبت خانے ،قحبہ خانے ،چنڈو خانے اور بیگار کیمپ میں  بدل ڈالا۔ایک بڑے قومی ادارے کو اپنے بھڑوے باپ کی میراث سمجھنے لگا۔اس کے مظالم کے باعث اہل علم گوشہ نشیں  ہو گئے کئی دانشور نکال دئیے گئے اور متعدد کو جانی اور مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔‘‘
          میں  نے کہا ’’ اللہ آپ پر رحمت کرے۔آپ کی باتیں  پتھر کی لکیر ثابت ہوتی ہیں۔نامیوں  کے نِشان مٹ جاتے ہیں  کئی فرعون،نمرود اور شداد سیل زماں  کے تھپیڑوں  میں  خس و خاشاک کی طرح بہہ گئے۔ہر ظالم یہ بات بھول جاتا ہے کہ کفن میں  جیب نہیں  ہوتی۔خالی ہاتھ ہی لحد میں  اتارا جاتا ہے۔ناصف بقال نے بہت جائیداد بنا لی اس کی بنیادوں  میں  مظلوموں  کا لہو شامل تھا۔‘‘
     نتھا خان پر نم آنکھوں  اور گلو گیر لہجے میں  بولا؛
               ’’ناصف بقال نے اب ایک آدم خور اور شباہت شمر نے ایک ڈائن کا روپ دھار لیا تھا۔ان کی خون آشامی نے انسانیت کو نا قابل اندمال صدمات سے دو چار کر دیا تھا۔عزت و ناموس کے یہ لٹیرے ایک ایسے جنگل میں  چیر پھاڑ میں  مصروف تھے۔جس میں  طالع آزما مہم جو عناصر نے جنگل کا قانون نافذ کر رکھا تھا۔اندھیر نگری اور چوپٹ راجہ سے لوگ عاجز آ گئے تھے۔‘‘
          ’’کسی کی عزت و آبرو اور جان و مال محفوظ نہ تھا۔‘‘ رحمت اللہ کہنے لگا ’’بے شمار مظلوم لڑکیاں  اپنی دولت عصمت اس درندے کے ہاتھوں  گنوا کر حسرت و یاس کے عالم میں  رخصت ہو گئیں۔ناصف بقال اور اس کے ساتا  روہن سفہا بے ضمیری کا کنٹوپ اوڑھے دندناتے پھرتے تھے۔ جب حالات اس نہج پر پہنچ جائیں  تو سمجھ لو کہ کوئی حادثہ ہونے والا ہے۔ زمین دل کے مانند دھڑکنے لگتی ہے اور پرندے حبس کے باعث اپنے آشیانوں  میں  دم توڑ دیتے ہیں۔‘‘
         ’’کہانی اب اپنے انجام کی طرف بڑھ رہی ہے ‘‘ میں  نے کہا ’’بڑی سنسنی خیز کہانی تھی۔مسمار قوم کے ساتھ فطرت کی تعزیروں  نے کیا سلوک کیا؟‘‘
          نتھا خان بولا ’’شراب اور شباب ناصف بقال کی کمزوریاں  تھیں۔پریوں  کا اکھاڑہ سجا کر یہ راجہ اندر شرم و حیا کو بارہ پتھر کر کے جنس کے سیلِ رواں  میں  ڈوب جاتا اور خوب ہنہناتا۔ ساٹھ سال کی عمر میں  بھی اسے جنسی جنون نے وحشی بنا رکھا تھا۔ اللہ کے ہاں  دیر تو ہو سکتی ہے مگر اندھیر کا تصور ہی نہیں  کیا جا سکتا۔ یہ ۲۰۰۶ کی بات ہے ہونی کو نہ روکا جا سکا۔ مکافات عمل کا سلسلہ شروع ہو گیا۔سفہا کا پروردہ اور اجلاف و ارزال کی نسل کا یہ وحشی گرفت میں  آ ہی گیا۔ اس کے ساتا روہن اس کے کسی کام نہ آئے۔ گرمیوں  کی ایک چلچلاتی دوپہر تھی سورج سوا نیزے پر آ چکا تھا، خضاب آلود ناصف بقال اور شباہت شمر غبار آلود ماحول اور ابر آلود موسم میں  عشرت کدے میں  رنگ رلیاں  مناتے رنگے ہاتھوں  دھر لیے گئے۔سارے مست بند قبا کھول کر ایک دوسرے میں  سما گئے تھے۔ ان کا منہ کالا کیا گیا اخبارات میں  بڑی حاشیہ آرائی ہوئی۔ اتنی رو سیاہی اور جگ ہنسائی ہوئی کہ انھیں  چلو بھر پانی میں  ڈوب مرنا چاہئیے تھا مگر ڈھٹائی کے باعث یہ ننگ وجود مر نہ سکے۔ انہونی کے بعد اب ہونی اپنا کام دکھا گئی۔ انھیں  جامعہ سے ایسے نکالا گیا جیسے دودھ سے مکھی نکالی جاتی ہے۔ چند ما بعد نظام کہنہ کی گرتی ہوئی عمارت دھڑام سے زمیں  بوس ہو گئی جس کے نیچے لاٹ صاحب اور اس کا سر پرست مہم جو دفن ہو گئے۔فلسفی اس انہونی کے بعد اپنے آبائی ڈیرے ہیرا منڈی میں  شباہت شمر کے ہمراہ روپوش ہے اور ایام گزشتہ کی کتاب کی ورق گردانی اور لٹی محفلوں  کی نوحہ خوانی میں  خجل ہو رہا ہے۔اپنے ہی بنائے ہوئے تارِ عنکبوت میں  یہ ٹامک ٹوئیے مارتا ہے اور کوئی اس کا پرسانِ حال نہیں۔
٭٭٭



خانۂ خالی
(انشائیہ)


   کسی فلسفی نے کہا تھا کہ خالی گھر میں  بھوتوں ،چڑیلوں  اور مافوق الفطرت عناصر کا بسیرا ہوتا ہے۔اس قسم کے گھر میں  آسیب اور پچھل پیری  کی ریشہ دوانیاں  اس قدر بڑھ جاتی ہیں  کہ انسانیت کو ناقابل اندمال صدمات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔کئی غاصب اور مہم جو عناصر خانۂ خالی کو دیکھ کر اس پر دھاوا بول دیتے ہیں اور اپنے مفادات کے لیے سب کچھ داؤ پر لگا نے سے بھی دریغ نہیں  کیا جاتا۔بس ایک ہی تمنا ان کے دل میں  چٹکیاں  لیتی ہے کہ کسی نہ کسی طرح خانۂ خالی پر اپنا تسلط قائم کر لیا جائے۔فارسی کی ایک مثل ہے کہ ’’ خانۂ خالی را دیو می گیرد‘‘ اس پر اب ہر شخص کو یقین ہو چلا ہے۔جس کا عقل کا خانہ خالی ہو وہ بھی کسی نہ کسی خانے کو ہتھیانے ،اس پر قبضہ جمانے اور بہتی گنگا میں  ہاتھ دھو کر اپنی دھاک بٹھانے کی فکر میں  غلطاں  و پیچاں  دکھائی دیتا ہے۔اپنا خالی خانہ بھرنے کے لیے مجبوروں  کا خانہ خراب کرنا تو ظالم و سفاک،موذی و مکار استحصالی عناصر کا وتیرہ بن چکا ہے۔مسلسل شکست دل سے اس قدر بے حسی بڑھ گئی ہے کہ سکوں  ہی عنقا ہو گیا ہے۔آج کا دور اپنے لیے خانہ بر انداز چمن کی تلاش میں  ہے۔اس کارخانۂ قدرت میں کار جہاں  اس قدر دراز ہے کہ اس میں  الجھ کر انسان اطمینان اور راحت  کے حصول کی تمنا میں  سر گرداں  ہے مگر دہر میں  اسے کہیں  بھی آسودگی نہیں  ملتی۔
                   سکوں  محال ہے قدرت کے کارخانے میں                             ثبات ایک تغیر کو ہے زمانے میں 
        خانہ ء خالی آج کے دور کا سب سے بڑا المیہ بن گیا ہے۔یہ تمام مسائل کی جڑ ہے۔قبضہ گروپ،انڈر ورلڈ(Underworld)،استحصالی مافیا اور ہوس جاہ و منصب سے مغلوب درندوں  نے خانماں  برباد انسانوں  پر جو مظالم ڈھائے ہیں  ان کے تصور سے نہ صرف رونگٹے بلکہ کان بھی کھڑے ہو جاتے ہیں۔یہ بات طے ہے کہ خرگوش اور خود خر بھی اپنے کان ہلا ہلا کر مگس رانی میں  مصروف دکھائی دیتے ہیں۔کئی خان جاناں  آج بھی گل کی صباحت اور آرزو کی آرزو میں  ہلکان ہوتے پھرتے ہیں۔ان کو امید کی کوئی کرن دکھائی نہیں  دیتی اور نہ ہی امنگوں  کا چمن شگفتہ دکھائی دیتا ہے۔ان کا مہمان خانہ اس قدر خالی ہو گیا ہے کہ اس کے درو دیوار سے حسرت و یاس ٹپک رہی ہے۔ایام گزشتہ کی لٹی محفلوں  کی دھول سے ان کا چہرہ دھندلا گیا ہے مگر ان کی سوچ کا خانہ اب بھی اپنی تسبیح روز و شب کا دانہ دانہ شمار کرنے میں  مصروف ہے۔کئی چربہ ساز،خفاش منش،بگلا بھگت اور جو فروش گندم نما متفنی ہر وقت کسی نہ کسی کا خانہ اپنی غاصبانہ دستبرد سے تلپٹ کرنے پر ادھار کھائے بیٹھے ہوتے ہیں۔اس کے بر عکس تصوف کے پیروکار ہر خانے میں  توحید کے جلوے دیکھ لیتے ہیں۔عشق حقیقی کا یہ ارفع معیار نہاں  خانۂ دل کی تطہیر و تنویر کے امکاں  کو یقینی بنا دیتا ہے اور زندگی کی حقیقی معنویت کا احساس اجاگر کرنے میں  مدد ملتی ہے۔
                  مدرسہ یا دیر یا کعبہ  یا بت خانہ تھا                                ہم سب ہی مہماں  تھے واں  تو ہی صاحب خانہ تھا
       ہر حساس دل کے اندر بھی ایک خاص خانہ ہوتا ہے اس خانے میں  کسی کی حسین یادیں  رچ بس جاتی ہیں۔محبت کرنے والے اسی خانے کی تعمیر و تزئین پر توجہ دیتے ہیں کیونکہ وہ اچھی طرح جانتے ہیں  کہ اگر یہ خانہ مکیں  کے لیے شان شاِن انداز میں  تیار  و استوار کیا جائے تو مکیں ک اس میں  بڑی عجلت کے ساتھ آ کر رین بسیرا کرے گا۔اس کے علاوہ بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ خانۂ دل کا مکیں   اس کو خالی کر کے اجنبی منزلوں  کی جانب رخت سفر باندھ لیتا ہے۔رفتگاں  کی یاد کا دکھ اس عبرت سرائے دہر میں  پیمان وفا باندھنے والوں  کے لئے سوہان روح بن جاتا ہے۔ایسے حادثے کبھی پلک جھپکتے میں  نہیں  ہوتے بلکہ وقت سالہا سال تک ان کی نمو کا اہتمام کرتا رہتا ہے۔دل کی ویرانی کا اب کیا مذکور ہے۔زندگی کا سفر تو جیسے تیسے کٹ ہی جاتا ہے مگر خانۂ دل کی ویرانی روح کو زخم زخم اور دل کو کرچی کرچی کر دیتی ہے۔جب دکھی انسان کرچیوں  میں  بٹ جاتا ہے تو نالہ،فریاد،آہ اور زاری کا جو اعصاب شکن مرحلہ آتا ہے وہ حد درجہ لرزہ خیز ہوتا ہے۔خانۂ دل میں  ایک کہرام مچ جاتا ہے۔
             شور برپا ہے خانۂ دل میں                                 کوئی دیوار سی گری ہے ابھی
      قحط  الرجال کے موجودہ زمانے میں  زندگی کی اقدار عالیہ کو شدید ضعف پہنچا ہے۔وقت کے ایسے حادثات سامنے آ رہے ہیں  کہ انھیں  کوئی نام دینا بھی ممکن نہیں۔اس سے بڑھ کر المیہ کیا ہو گا کہ جامۂ ابو جہل میں  ملبوس فاتر العقل، مخبوط الحواس،کندۂ نا تراش اور مشکوک نسب کا ابلہ بھی روقیت کا داعی بن کر اپنی جہالت کا انعام حاصل کرنے میں  کامیاب ہو جاتا ہے۔ایسے آستین کے سانپ بھی معاشرے میں  عام ہیں  جو دوستی کا سوانگ رچا کر رتیں  بے ثمر،کلیاں  شرر،آہیں  بے اثر اور زندگیاں  پر خطر کر دیتے ہیں ک ادا کرتے ہیں  جو برادران یوسف نے کیا تھا۔ایسے نام نہاد رفیق کار جو مجبوروں  اور سادہ لوح انسانوں  کے ساتھ وہی سلوک کرتے ہیں  جو اہل کوفہ کی روایتی پیمان شکنی کی یاد دلاتا ہے۔ایسے دوست تو دشمن سے بھی زیادہ تباہ کن اور ہولناک کر دار ادا کرتے ہیں۔انسانیت کی توہین،تذلیل، تضحیک  ا ور بے توقیری کرنے والے ایسے ننگ انسانیت بے ضمیروں  کو معاشرتی زندگی کا ایک ایسا فتنہ سمجھا جاتا ہے جس نے کذب و افترا اور کینہ پروری کے باعث آدمیت کو گہرے چرکے لگائے ہیں۔ان کی خباثت اور قبیح کر دار کی وجہ سے امیدوں  کی فصل غارت ہو جاتی ہے اور صبح و شام کی محنت اکارت چلی جاتی ہے۔
            یہ فتنہ آدمی کی خانہ ویرانی کو کیا کم تھا                              ہوئے تم دوست جس کے دشمن اس کا آسماں  کیوں  ہو 
        خانہ ایک ایسا لاحقہ ہے جو آن کی آن میں لفظ کو کثیر المعنویت کی وسیع  وادیوں  میں  پہنچا دیتا ہے۔مثال کے طور پر عقوبت خانہ،قحبہ خانہ،چنڈو خانہ،شراب خانہ،مے خانہ،صنم خانہ،نقار خانہ،بت خانہ،غریب خانہ،پاگل خانہ،دوا خانہ،خم خانہ،عزا خانہ،کتب خانہ،جیل خانہ  اور مرغی خانہ وغیرہ۔ہم دیکھتے ہیں  کہ خانہ کو جو تکثیریت حاصل ہے وہ کسی اور لاحقے کی قسمت میں  نہیں۔گندے جوہڑ کے نواح میں  رہنے والا ایک سادیت پسند  فلسفہ زدہ شخص (ناصف کھبال)کسی ذہنی عارضے میں  مبتلا ہو گیا۔اسے کچھ عرصے کے لیے فاؤنٹین ہاؤس میں  منتقل کیا گیا لیکن یار لوگوں  کو تو ایک بہانہ چاہیے تھا اس کی تذلیل کا،جب وہ قدرے صحت یاب ہو کر واپس آیا تو ہر طرف سے یہ آواز آتی تھ یکہ ناصف کھبال پاگل خانے کی یاترا کر کے واپس آیا ہے۔کم سن بچے اسے دیکھتے ہی پاگل اوئے۔۔۔پاگل ای اوئے۔۔۔ کا نعرہ مستانہ لگاتے اور بھاگ جاتے۔ناصف کھبال اپنی فلسفیانہ مو شگافیوں  کے باوجود اپنی ذہنی صحت کے بارے میں  اپنے حلقہ ء احباب کو قائل نہ کر سکا۔وہ لوگوں  کو کاٹنے کو دوڑتا آخر کار اسے مستقل طور پر خانہ ء زنجیر میں  محبوس کر دیا گیا۔اب تو اس کی تمام سرگرمیاں  محض خانہ پری کی ایک صورت بن گئی ہیں۔خانہ کو جو معنوی تنوع حاصل ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ہر جگہ خانہ کے معانی دھنک رنگ منظر نامہ پیش کرتے ہیں ۔ ہر خانہ گنجینہ ء معانی کا طلسم بن کر فکر و نظر کہ مہمیز کر رہا ہے۔خانہ گلدستۂ معنی کو نئے ڈھنگ سے باندھنے اور اک پھول کے مضمون کو سو رنگ سے باندھنے کی ایک حیران کن صورت سامنے لاتا ہے۔تاریخ کا ایک مسلسل عمل ہو اکرتا ہے۔ہم اپنے معاشرے کو مختلف خانوں  میں  بانٹ کر بہت بڑی کوتاہی کے مرتکب ہوتے ہیں۔وسائل کی بندر بانٹ نے عجب گل کھلائے ہیں۔آج جاہ و منصب پر غاصبانہ طور پر قابض مافیا نے دستیاب وسائل کو اندھے کی ریوڑیوں  کی طرح صر اور صرف اپنوں  ہی میں  بانٹنے کا وتیرہ اپنا رکھا ہے۔اغیار کے کاشانوں پر تو انعام و اکرام کی بارش ہو رہی مگر پیمان وفا باندھنے والوں  پر عرصہ ء حیات تنگ کر دیا جاتا ہے۔ان حالات میں  انسان ہجوم غم میں  دل کو سنبھالنے کی سعی ء ناکام کے باوجود پکار اٹھتا ہے۔
              گل پھینکے ہیں  اوروں  کی طرف بلکہ ثمر بھی                       اے خانہ بر انداز چمن کچھ تو ادھر بھی 
      بعض لوگوں  کا خیال ہے کہ  خانہ اپنے تمام کروفر اور انداز حجابانہ کے با وجود معاشرتی زندگی میں  اپنا جائز مقام حاصل نہیں  کر سکا۔خانہ کی رنگت در اصل خانہ ساز کی منشا اور نیت پر منحصر ہے۔آپ جس خانے کو لے لیں  وہاں  طلسم ہوش ربا کی کیفیت جلوہ گر دیکھیں  گے۔ہر خانے کے اندر ایک جہان معانی آباد ہے۔یہ دنیا ایک بت خانے کی صورت میں  نگاہوں  کو خیرہ کر رہی ہے۔ہمیں  بتوں  سے تو امیدیں  ہیں  مگر خدا سے نومیدی ہے اسی کا نام تو بے یقینی اور تشکیک ہے جو کہ غلامی سے بھی بد تر ہے۔بت خانے میں  بتوں  کے ناز و انداز دیکھ کر کئی جذباتی لوگ ہو ش و خرد سے محروم ہو جاتے ہیں۔جب بت خانے کے جامد و ساکت بتوں  کے ناز برداشت سے باہر ہو جائیں  تو سینہ و دل حسرتوں  سے چھا جاتا ہے اور ہجوم یاس میں دل گھبرا جاتا ہے۔سچی بات تو یہ ہے کہ آج کے بے حس معاشرے کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ حساس تخلیق کار کو جانداروں  کے لرزہ خیز مسائل کا احوال سنگلاخ چٹانوں  اور جامد بتوں  کے سامنے بیان کرنا پڑتے ہیں۔آج تو ریت کے گھروندے بنانے والوں نے اندھیر مچا رکھا ہے۔صدیوں  کے تحیر سے نڈھال فکر انسانی اس سے تڑپ اٹھتی ہے جب اس کے سامنے سد سکندری حائل ہو اور اس کو کاٹنے کے لیے تیشہ ء زر کی احتیاج ہو۔اس تمام صورت حال سے انتہائی ملول اور  دل برداشتہ ہو کر وہ پکار اٹھتا ہے کہ وہ تو شیشے کے گھر میں  براجمان ہے اس کا بسیرا ایک ایسے گلشن میں ہے جس میں  زاغ و زغن  اور بوم و شپر نے ہر شاخ کو دبوچ رکھا ہے۔بہ قول سید جعفر طاہر :
میں  نے جو تیرے تصور میں تراشے تھے کبھی
لے گئے وہ بھی میرے گھر سے پجاری پتھر          
ناز ہر بت کے اٹھا پائے نہ جعفر طاہر
چوم کر رکھ دیئے ہم نے یہ بھاری پتھر 
          اس وسیع و عریض عالم آب و گل کے تمام مظاہر دیکھ کر یہ گماں  گزرتا ہے کہ یہ کائنات ابھی شاید نا تمام ہے۔اس کے کئی خانے تو ابھی خالی ہیں۔اس دنیا میں  پائے جانے والے تضادات بھی اپنی نوعیت کے اعتبار سے خانوں  میں  بٹے ہوئے معاشرے کی وہ کیفیت ہے جو ہر لمحہ اور ہر آن ہمارے سر متضاد خانوں  میں بٹ چکا ہے کہیں  امیری ہے تو کہیں  فقیری ہے۔کہیں  آمریت ہے تو کہیں  جمہوریت کی داغ بیل دکھائی دیتی ہے۔اپنے تمام تر تضادات،ارتعاشات،بے رنگیوں ،بے ہنگم کیفیات اور کجیوں  کے باوجود زندگی کا یہ ساز بھی عجب ساز ہے جو مسلسل بج رہا ہے مگر کسی کے کانوں  پر  جوں  تک نہیں  رینگتی۔خالی خانے پر قبضہ ہو جانے کے بعد اسے واگزار کرانا تو اب دیوانے کا خواب بن گیا ہے۔پولیس کے پاس خانہ تلاشی کے جو اختیارات ہیں ،ان سے بعض اوقات ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے متعلقہ اہل کار اہل خانہ کو قیمتی سامان سے بھی محروم کر دیتے ہیں۔یہاں  عجیب افراط و تفریط کا عالم ہے۔بے شمار خانے ہیں  جن میں  انسانیت کو بانٹ دیا گیا ہے۔غریبی میں  نام پیدا کرنے کی تمنا  رکھنے والے اپنے اپنے جداگانہ خانوں  میں رہتے ہوئے بھی ایک انداز دلبرانہ اور شان استغنا سے کام لیتے ہوئے پکار اٹھتے ہیں۔بہ قول مجید امجد:
             تیرے فرق ناز پہ تاج ہے ،میرے دوش غم پہ گلیم ہے                            تیری داستاں  بھی عظیم ہے میری داستاں  بھی عظیم ہے 
        متعدد خانے ایسے بھی ہیں  جو اپنی متنوع کیفیات کے باعث اپنی اہمیت کا احساس دلاتے ہیں۔یتیم خانوں  ہی کو لے لیں  جہاں  ایک زمانے میں  محض فاقہ کش کم سن بچوں  کی اکثریت رہتی تھی اور ان کی کفالت مخیر افراد کیا کرتے تھے۔آج کے دور میں سیاسی یتیموں  کی فوج ظفر موج ہر طرف دندناتی پھرتی ہے اور ان کی نمو اور نشو ارتقا کی تمام ذمہ داری ووٹروں  نے سنبھال رکھی ہے۔تیسری دنیا کے ناخواندہ ووٹر سیاسی یتیموں  کی رسد کو یقینی بنانے میں  بڑے انہماک کا مظاہرہ کرتے ہیں ۔یہ لوگ جب جاہ و منصب پر غاصبانہ قبضہ کرتے ہیں  تو ہنستے بستے چمن کو کباڑ خانے میں  بدل دیتے ہیں ،روم جل رہا ہوتا ہے اور وقت کے یہ نیرو دیپک راگ الاپ کر اپنے ذہنی افلاس کا ثبوت دیتے ہیں۔تیسری دنیا کے غریب عوام جو غربت کی انتہائی سطح سے بھی نیچے زندگی کے دن پورے کرنے پر مجبور ہیں بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے سلسلے میں ایسے لگتا ہے  کہ وہ پتھر کے زمانے کے ماحول کے اسیر ہیں۔ان کے شفا  خانوں  میں دوا،علاج اور شفا عنقا ہے۔ان شفا خانوں  کے صدر دروازوں  پر کتبہ سازوں  کی دکانیں  قائم ہیں۔یہ کتبہ ساز ان عطائیوں  کے پاس  علاج کی غرض سے جانے والے مریضوں  کی قبروں  کے لیے کتبے تیار کرتے ہیں۔ان عطائیوں  کی وجہ سے موت کے سائے آبادیوں  پر منڈلا رہے ہیں۔اہل ہوس نے ہر سو دام بکھیرے ہیں۔ان عطائیوں  کی وجہ سے یہ بے بس افراد زندگی کے خانے سے نکل کر قبر کے خانے میں  تہہ ظلمات چلے جاتے ہیں۔
         نہ مدعی نہ شکایت حساب پاک ہو
یہ خون خاک نشیناں  تھا رزق خاک ہوا
        تیسری دنیا کے ممالک کے عوام کو سپر پاورز نے اپنی آہنی گرفت میں لینے کے لئے انھیں  صبح و مسا  قرض در قرض کی فکر میں  الجھا رکھا ہے۔ان کے گھروں کی دیوروں  پر اداسی،مایوسی،محرومی،بے بسی،بے چارگی اور غربت و افلاس بال کھولے گریہ و زاری میں  مصروف رہتی ہے۔ان غریب ممالک کے نام نہاد حکمرانوں کو سپر طاقتیں  اپنا خانہ زاد غلام تصور کرتی ہیں  اور وہ ان بادشاہ گروں  کے ہاتھ میں  کٹھ پتلی کا کر دار ادا کرتے ہیں۔قرض کی دلدل میں  دھنسے تیسری دنیا کے غریب ممالک کے کٹھ پتلی حکمرانوں  کی کور مغزی،بے بصری اور عاقبت نا اندیشی نے ان ممالک کے بد قسمت اقوام کو اقوام عالم کی صف میں  تماشا بنا دیا ہے۔ان کی آزادی کی بے توقیری کا یہ عالم ہے کہ ان کے سر پر تو تاج ہے مگر ان کے پاؤں  بیڑیوں  سے فگار ہیں۔واحسرتا کہ تیسری دنیا کے غریب ممالک کے بے بس و لاچار عوام تو  دڑبہ نما جھونپڑوں  پر مشتمل عقوبت خانوں  میں  زندہ در گور ہو گئے ہیں  مگر ان ممالک کے مطلق العنان حکمران قیصر و کسریٰ جیسے ٹھاٹھ باٹھ سے اپنی  عیاشیوں  اور اللوں  تللوں  میں  مصروف ہیں۔
       گھریلو خواتین کی زندگی کا کوئی خانہ ایسا نہیں  جو کہ خالی رہ جائے۔خانہ داری کے جھنجھٹ ان کو ہمہ وقت الجھائے رکھتے ہیں۔ہمارے معاشرے میں  اگر کسی کو آٹے دال کا حقیقی بھاؤ معلوم ہے تو وہ خانہ دار خواتین ہیں۔کمانے والے مرد اپنا پیٹ کاٹ کر ضروریات زندگی فراہم کرتے ہیں جب کہ خاتون خانہ تمام کھانے والوں  کے لیے مزے مزے  کے کھانے تیار کر کے لذت کام و دہن کا بھرپور اہتمام کرتی ہے۔در اصل پیٹ بھی ایک خانہ ہی تو ہے جس کا خالی رہنا کسی کو گوارا ہے۔اس دنیا کے تمام گورکھ دھندے اسی پیٹ کے خانے کی خالی جگہ پر کرنے کے لیے جاری و ساری ہیں۔  مطبخ یا باورچی خانہ اس کام کے لیے بہت مفید ہے ،جہاں  ہمہ وقت انواع و اقسام کے کھانے تیار ہوتے ہیں جن کی مہک سے منہ میں  پا انی بھر آتا ہے اور وہ آنتیں  جو کہ قل ہو اللہ پڑھ رہی ہوتی ہیں  وہ مطبخ سے من و سلویٰ کھا کر الحمد للہ کا ورد شروع کر دیتی ہیں۔ایسے معجز نما کرشمے دیکھ کر قوت نامیہ کی افادیت کا قائل ہونا پڑتا ہے۔
       ہمارے محلے میں  پچھلے چند روز سے ایک بد خط شخص بڑے بھونڈے انداز میں  ہر گھر کے دروازے پر ایک الٹا سیدھا نمبر درج کرنے میں  مصروف ہے۔اس کے بارے میں  کہا جا سکتا ہے کہ لکھے مو سا پڑھے خود آ۔اس شخص سے جب نمبروں  کے اندراج کے اجمال کی تفصیل دریافت کی تو وہ یوں گویا ہوا:
      ’’اب ملک بھر میں  خانہ شماری کا آغاز ہو گیا ہے۔اس کے بعد مردم شماری کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔جب مردم شماری کا تمام کام پایہ ء تکمیل کو پہنچے گا تو ووٹوں  کے اندراج کا کام شروع ہو گا۔جب ووٹر لسٹیں  مکمل ہو جائیں  گی تو ان پر اعتراضات طلب کیے جائیں  گے۔تمام اعتراضات دور کرنے کے بعد یہ ووٹر لسٹیں  الیکشن کمیشن کے سپرد کر دی جائیں  گی۔اس کے بعد عام انتخاب ہوں  گے اور پھر سلطانیِ جمہور کا زمانہ آ جائے گا۔‘‘
      پاس ہی بیٹھے ہوئے نتھو خان نے ٹوکتے ہوئے کہا ’’جب جمہوری حکومت آئے گی تو اس کے ساتھ ہی اپنی ناکامی اور نا مرادی کے واقعات بھی دہرائے گی۔اس کے بعد فوری طور پر جمہوریت کی  بساط ہی لپیٹ دی جائے گی اور  آمریت کے طویل اور صبر آزما  دور کا آغاز ہو جائے گا۔یہی تیسری دنیا کے ممالک کا دستور ہے۔‘‘
      میں  تو نتھو خان کو ایک جید جاہل سمجھتا تھا لیکن وہ تو رواقیت کے داعی بڑے بڑے نام نہاد دانش وروں  سے بھی زیادہ  ذکی الحس نکلا ایسے لوگ تو حالات کے نباض ہوتے ہیں۔ان کی حساسیت کا خانہ تو اس قدر صداقت سے معمور ہے کہ ان کی فکری تونگری پر رشک آتا ہے۔حبیب جالب نے کہا تھا :
                                  وہی حالات ہیں فقیروں  کے                        دن پھرے ہیں فقط وزیروں  کے 
                                   وہی اہل وفا کی صورت حال                        وارے نیارے ہیں  بے ضمیروں  کے 
        میں  دیر تک سو چتا رہا کہ ان چھوٹے لوگوں  کا دل کتنا بڑا اور سوچ کتنی گہری ہوتی ہے۔یہی طبقہ اپنے خانۂ دل میں  وطن اور اہل وطن کے لیے سچی محبت،خلوص اور دردمندی کے جذبات کی دولت فراواں  لیے ہوتا ہے۔یہ لوگ جانتے ہیں  کہ وطن محض چمکتے ہوئے کنکروں  کا نام نہیں  یہ تو محب وطن لوگوں  کے جسم اور روح سے عبارت ہے۔کاش ہم میں  نام نہاد خود ساختہ مدبروں کے بجائے اس قسم کے نتھو خان کثرت سے پیدا ہوں  جو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر کے سب کی آنکھیں  کھول دیں۔مجھے سید ضمیر جعفری بے حساب یاد آئے انھوں  نے کہا تھا :
                              بڑی مدت سے کوئی دیدہ ور پیدا نہیں  ہوتا                     جو ہوتا ہے مسلمانوں  کے گھر پیدا نہیں  ہوتا
         خواتین کے بارے میں  یہ تاثر عام ہے کہ فیشن اور مغربی تہذیب کی نقالی میں  وہ حد اعتدال سے تجاوز کر جاتی ہیں۔وہ خاتون جو پہلے چراغ خانہ ہوا کرتی تھی اب اسے شمع محفل بننے کا خبط ہو گیا ہے۔اس رجحان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ہمیں  اپنی مٹی پر کچلنے کا قرینہ بہ ہر حال سیکھنا ہو گا اگر ہم درآمد شدہ سنگ مرمر پر چلنے پر بہ ضد رہے تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ ہم پھسل کر منہ کے بل گریں  گے اور ہماری ہڈی پسلی ایک ہو جائے گی۔اس کے بعد ان بھونڈی نقالی کرنے والوں  کو خانہ بدوشوں  کی طرح در بہ در اور خاک بہ سر جوتیاں  چٹخانے کے علاوہ کچھ نہ سوجھے گا۔
        جدید دور نے نگار کانے ،قمار خانے ،نقار خانے اور پتا نہیں  کتنی تعداد میں  اور خانے اختراع کر لیے ہیں۔حسن بے پروا کو اپنی بے حجابی کے لیے نگار خانے بہت مرغوب ہیں۔حسن پرست بھی جوق در جوق نگار خانوں  کا رخ کرتے ہیں۔ان کا خیال ہے کہ رنگ خوشبو اور حسن و خوبی کے تمام استعارے مہ جبینوں  کے خورشید جمال کے مرہون منت ہیں ۔ہر لو دینے والی شمع پر جل مرنے والے یہ پروانے اپنا سب کچھ حسن کے جلووں  کی خاطر داؤ پر لگا دیتے ہیں۔اور اس طرح ان کے خانماں  برباد رہنے کی داستان اپنے منطقی انجام کو پہنچ جاتی ہے۔غربت،افلاس اور بے روزگاری نے قمار خانوں  کی چکا چوند کو ماند کر دیا ہے۔میں  نے بارہا کوشش کی ہے کہ اہل درد کو تمام واقعات کے بارے میں  کھل کر بتاؤں  مگر نقار خانے میں  طوطی کی آواز کون سنتا ہے۔
٭٭٭



طوطے 
(انشائیہ)


	ابن بطوطہ سے لے کر ابن انشا تک طوطے جس انداز میں فکری ارتقا کے مدارج طے کرتے آ رہے ہیں  وہ ہر عہد میں  طوطا چشم افراد کے لیے چشم کشا بھی ہے اور قبض کشابھی۔ جب بھی میرا پالاکسی  طوطا چشم سے پڑتا ہے مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میری روح قیض کی جارہی ہے اور اہل ہنر کی خاک پر قبضہ کرنے کی ٹھان لی گئی ہے۔ طوطے فریب صنعت ایجاد کی انوکھی صورت ہیں۔سبز رنگ کی وردی میں  ملبوس یہ طیور نہ صرف سبز باغ دکھانے میں  ید طولی رکھتے ہیں  بلکہ ساون کے اندھوں  کو خواہ کتنی ہی دور کی سوجھے یہ ہمیشہ ہر ے ہی دکھائی دیتے ہیں۔ طوطے کے مراسم گرگٹ سے ہمیشہ کشیدہ رہے ہیں۔ گرگٹ محض رنگ بدلتا ہے جب کہ طوطا ڈھنگ بھی بدلتا ہے۔گرگٹ سرعت سے چولا بدلتا رہتا ہے جبکہ طوطا  بڑ بولا بن کر اپنے منہ میاں  مٹھو بنا رہتا ہے۔ 	
	شیخ چلی سے لے کر شیخ سعدی تک تمام اہل دانش کا اس امر پر اتفاق ہے کہ طوطا اپنی جسمانی ساخت اور ہیئت کذائی کے باعث طلسم ہوش ربا کا مظہر ہے۔میرے جاننے والوں  میں  بد قسمتی سے ایک ایسا شخص بھی شامل ہے جو فلسفے کی ابجد سے یکسر نا بلد ہے مگر رواقیت کا داعی بن بیٹھا ہے۔اس کا دعویٰ ہے کہ طوطوں  کا آبائی مولد سبزوار ہے لیکن کچھ لوگوں  کا خیال ہے کہ طوطوں  کی آنول نال سبزہ زار میں  گڑی ہے۔طوطوں  کی نسل کے ارتقا پر ابلق ایام کے سموں  کی گرد اس طرح پڑی ہے کہ تمام منظر نامہ ہی دھندلا گیا ہے ہاتھ کو ہاتھ اور طوطے کو طوطا  سجھائی نہیں  دیتا۔اس کے باوجود فریب خیال  نے تخیل کی شادابی سے ایسے سیکڑوں  مناظر تلاش کر لیے ہیں  جن میں  طوطے من موتے  ہر ڈال پر نگاہ ڈال کر اپنے وجود کا اثبات کرنے پر تل گئے ہیں  اور اسی کشمکش میں  وہ کوڑیوں  کے بھاؤ تل رہے ہیں۔میرے فلسفی واقف حال کا دعویٰ ہے کہ ڈائنو سار کے معدوم ہونے کی بڑی وجہ طوطے ہیں۔وہ یہ دور کی کوڑی لائے ہیں  کہ زمانہ قبل از تاریخ میں  طوطے ڈائنو سار کے مانند قوی الجثہ ہو تے تھے۔یہ ایک ایسے جنگل میں  رہتے تھے جس میں  ظاہر ہے کہ جنگل کا قانون پوری قوت اور درندگی کے جبر کے ساتھ نافذ تھا۔اس عہد ستم میں  ڈائنو سار تو یکسر معدوم ہو گئے مگر طوطے اس قدر مغموم ہوئے کہ گھل گھل کر  ان کا سائز مو سا ہو گیا۔طوطا اپنی موجودہ شکل میں  اپنے قدیم حلیے اور جسامت کا عشر عشیر بھی نہیں۔
          ماہرین حیوانات نے سالہا سال کی تحقیق کے بعد افادیت سے معرا اور تصنع سے لبریز جو نتائج اخذ کیے ہیں  وہ خفاش منش انسانوں  کے اسلوب شپرانہ کی مکمل صورت سامنے لاتے ہیں۔بعض سفہا نے طوطے کی ہجو گوئی کو وتیرہ بنا رکھا ہے۔طوطے کے بارے ان کے غیظ و غضب کا یہ عالم ہے کو طوطے کا نام سنتے ہی ان کی بھویں  تن جاتی ہیں  اور منہ سے جھاگ کے ساتھ ساتھ عف عف کی آوازیں  از خود نکلنا شروع ہو جاتی ہیں۔محکمہ انسداد بے رحمی حیوانات اس تمام صورت حال کو دیکھتے ہوئے بھی ٹس سے مس نہیں  ہوتا۔بعض کرگس زادے اس بات پر شدید اضطراب میں  مبتلا ہیں  کہ کہیں  طوطے کی نسل ہی عنقا نہ ہو جائے۔اس سے پہلے ہما اور ققنس جیسے جاہ و جلال والے طیور آوارہ  اس جانکاہ صدمے سے گزر کر تاریخ حیوانات کے طوماروں  میں  دب چکے ہیں۔اس  خدشے کو ملحوظ رکھتے ہوئے ایک طوطے والے نجومی پروفیسر نے عالمی طوطا کانفرنس بلانے کی تجویز زیر و زبر کر کے پیش کی ہے۔اس کا خیال ہے کہ طوطوں  کے ساتھ نا روا امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے اور اس طرح انتہائی حیوانی حقوق  کی گوشمالی کا سلسلہ جاری ہے۔جب تک طوطوں  کو تمام شکوک و شبہات سے فارغ خطی نہیں  مل جاتی طوطے بین کرتے رہیں  گے۔نہ خود چین سے بیٹھیں  گے اور نہ ہی اپنی ٹیں  ٹیں  سے کسی کو چین سے بیٹھنے دیں  گے۔
       طوطے کی طوطا  چشمی کو دیکھ کر ضمیر فروش رشک کے مارے اسے آہ بھر کر دیکھتے ہیں  بالکل اسی طرح جیسے محبوب کی سیاہ چشمگی کو دیکھ کر سرمہ فروش حسد اس کی آنکھو ں  کو دیکھتے ہیں  اور بے اختیار ان کی آہ نکل جاتی ہے۔ماہرین بشریات کو بہت دیر سے ہی سہی بہت دور کی سوجھی ہے۔ان کا خیال ہے کہ طوطے کی طوطا  چشمی اور محبوب کی سیاہ چشمگی دونوں  کی کیفیت بالکل ایک جیسی ہیں۔جس طرح قید حیات اور بند غم اپنی اصلیت کے اعتبار سے ایک ہیں   اسی طرح  محبوب اور طوطے میں  بہت سی چیزیں  مشترک ہیں۔ایسی مو شگافی طوطا شکنی کے مترادف ہے۔اس کے باوجود طوطا فکر کو لائق استرداد نہیں  ٹھہرایا جا سکتا۔ایک میا ں  مٹھو کا کہنا ہے کہ رنگ،خوشبو اور حسن و خوبی کے تمام استعارے طوطوں  کے دم سے ہیں۔جب لوگ ایسی بے پر کی اڑاتے ہیں  تو میرے ہاتھوں  کے طوطے اڑ جاتے ہیں  اور میں  ایسے کوتاہ اندیش لوگوں  کے پرزے اڑانے کے بارے میں  سوچنے لگتا ہو ں  مگر کیا کروں  جب سے مستری آسو خان نے میری بائیسکل کے پرزے اڑائے ہیں  مجھے کسی کل چین نہیں۔ایسے طوطا چشم،جو فروش گندم نما بگلا بھگت وحشیوں  نے تو لٹیا ہی ڈبو دی ہے۔ان سے تاریخ یہ سوال کر رہی ہے اونٹ رے اونٹ تیری کون سی کل سیدھی۔کل شام ایک طوطا اور ایک بوم  راہ فنا پر چل نکلے ان کے نہ ہونے کی ہونے دیکھنے والا کوئی نہ تھا۔زمانے کی اس بے حسی نے طوطوں  کو منقار زیر پر رہنے پر مجبور کر رکھا ہے۔
       عالمی ادبیات میں  طوطے اہم کر دار ادا کرتے چلے آ رہے ہیں۔لفظوں  کے طوطا مینا بنانے کا سلسلہ زمانہ قبل از تاریخ سے جاری ہے اور جب تک طوطوں  کے دم میں  دم ہے اس کی شدت میں  کمی آنے کا کوئی امکان نہیں۔لفاظ حشرات سخن کا ان دنوں  خوب طوطی بولتا ہے۔قحط الرجال کے موجودہ زمانے میں  طوطوں  کی فراوانی جہد للبقا کا اہم ترین تقاضا ہے۔بے حسی کا عفریت چاروں  جانب منڈلا رہا ہے۔اس نقار خانے میں  بھانت بھانت کی آوازیں  آ رہی ہیں  اور طوطی کی آواز پر کان دھرنے والا کوئی نہیں۔اپنی اپنی ڈفلی اور اپنا اپنا راگ الاپنے والے شب ہجراں  کے جاگنے والے مفادات کی شیریں  چوری کھانے کے بعد لمبی تان کر اور گھوڑے بیچ کر سو چکے ہیں۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ ابن الوقت طوطا چشم تمام وسائل ڈکار کر مردوں  سے شرط باندھ کر سو چکے ہیں۔
	طوطوں  کی بہت سی انواع و اقسام ہیں۔ سرخ کندھوں  والے طوطے ، گردن پر سرخ پروں  والی مالا رکھنے والے طوطے ، بعض لوگوں  نے مبالغہ آرائی کی حد کر دی ہے وہ طوطوں  کے مذہب کے بارے میں  بھی درفنطنی چھوڑ دیتے ہیں۔سرخ کندھوں  والے طوطے جو انسانوں  کی طرح گفتگو کر نے پر قادر ہیں  ان کو یہ لوگ اسلامی طوطا کہتے ہیں۔ جب کہ ٹیں ٹیں  کرنے والے طوطے کو وہ غیر اسلامی طوطے کے نام سے منسوب کرتے ہیں۔ظاہری حسن میں  تو یہ یکساں  ہیں  مگر ان کی باطنی کیفیات یکسر مختلف ہیں۔ بولنے والے طوطے اس وقت تک اپنے آقا اور صیاد کی تعریف میں  زمین آسمان کے قلابے ملاتے ہیں  جب تک وہ پنجرے میں  محبوس رہیں  اور اس کی چوری کھاتے رہیں  جونہی وہ پنجرے سے بچ نکلنے میں  کامیاب ہو جاتے ہیں  تو وہ چونچ پھاڑ کر اور پنجے جھاڑ کر صیاد کے قبیح کر دار کو ہد ف تنقید بناتے ہیں  اور اس طرح  صیاد کا کچا چٹھا سامنے لاتے ہیں  کہ اس کو چھٹی کے دودھ کے ساتھ ساتھ نانی بھی یاد آ جاتی ہے۔ہمارے معاشرے میں  طوطوں  کا جس بے دردی سے استحصال ہو رہا ہے اس پر طوطے چونچ پا احتجاج بن چکے ہیں۔ ان کو تین تیرہ سے خارج کر دیا گیا ہے۔ فاختہ کو تو امن کاپرندہ شمار کیا جاتا ہے۔الو کو حماقت کا نشان سمجھا جاتا ہے ، کرگس مردار خوری کی علامت ہے جب کہ اسے راجہ گدھ قرار دیا جاتا ہے۔ شپر کو بھی خورشید کی ضیا پاشیوں  سے انحراف کا نشان قرار دیا جاتا ہے۔ طوطے اب بھی بے نشان ہیں۔
	     طوطے بہ یک وقت رجائیت اور قنوطیت کے مظہر ہیں۔ان کی فطرت میں  سادیت پسندی کوٹ کوٹ کر بھری ہوتی ہے۔لذت ایذا حاصل کرنا ازل سے طوطے کا وتیرہ رہا ہے۔ننھی ننھی کونپلوں ،غنچوں ،شگوفوں ،کچے پکے پھلوں  اور فصلوں کو نوچ کر کھانا طوطوں  کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔جس شاخ پہ بیٹھے اسی کو نوچنا اور جس پھل کو دیکھ لے اسی کو کھدیڑنا اور درختوں  کے تنے میں  ایسے شگاف ڈالنا جیسے چور کسی گھر کی دیوار میں  نقب لگاتا ہے طوطے کی پہچان ہے۔ہد ہد اور طوطے اس فن میں  ید طولیٰ رکھتے ہیں۔بکری کی میں  میں  اور طوطے کی ٹیں  ٹیں  نے تو اب کلاسیکی موسیقی کو بھی مات دے دی ہے۔دیپک راگ کے اثرات سے متمتع ان طیور آوارہ اور جانوروں  کی مست خرامی بعض لوگوں  کے نزدیک نمک حرامی کی حدود کو چھو لیتی ہے۔جراثیم کش ادویات بھی جراثیم کا قلع قمع کرنے میں  اس قدر زود اثر نہیں  جس قدر محسن کشی میں  طوطے ہیں۔اس فضیحت میں  تو طوطے ہتھیلی پر سرسوں  اگا دیتے ہیں۔بعض اوقات مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں  ایک ایسے جزیرے  میں  گھر گیا ہوں  جہا ں  گھنا جنگل ہے۔ اس جزیرے کے چاروں  طرف ایسا سمندر ہے جس کی ہر موج میں  حلقۂ صد کام نہنگ ہے۔ اس جزیرے پر جو مخلوق ہے اس کی بے بصری، کور مغزی جہالت اور درندگی کا یہ ثبوت ہے کہ پورے جزیرے میں  جنگل کا قانون نافذ کر دیا گیا ہے کئی قسم کے طائران  ہرزہ سرا وہاں  محو پرواز ہیں  ان میں  بوم و شپر، کرگس ا ور زاغ و زغن کا اس قدر شور ہے کہ کان پڑی آواز سنائی نہیں  دیتی۔ ان بھانت بھانت کی آوازوں  میں  طوطے کی آواز سب سے نمایاں  ہے۔  
           ابن ملجم سے لے کر ابن زیاد تک تاریخ کے ہر دور میں  طوطے زیر عتاب رہے ہیں۔طوطے کی ٹیں  ٹیں  کو صیاد کی شقاوت آمیز نا انصافیوں  نے ٹائیں  ٹائیں  فش میں  بدلنے کی جو مذموم کوششیں  ہر عہد میں  کی ہیں وہ تاریخ طیور کا ایک پر فشاں  باب ہے۔اس تمام طوطا گردی کے پس پردہ ہوس چونچ و بال و پر کا عنصر درد انگیز نالوں  کی صورت میں  سنائی دیتا ہے۔اسیر ہوس طوطا نو گرفتار صید سے یوں  گویا ہوتا ہے اور زبان حال سے پکارتا ہے   ؎
ہوس میں  مجھ سے روداد دہن کہتے نہ ڈر طوطے
پھنسی ہو جس میں  پھر چُوری وہ میرا ہی دہاں  کیوں  ہو 
      طوطے کی خود نمائی بالعموم جگ ہنسائی کا سبب بن جاتی ہے۔بعض طوطوں  کی بے بصری اور کور مغزی انھیں  سادیت پسندی (  Sadism  ) کا مریض بنا دیتی ہے گلشن میں  برگ و بار اور ہر شاخ ثمر دار پر منقار کا وار کرنا طوطوں  کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔اکثر دیکھا گیا ہے کہ حریص طوطے پھل کم کھاتے ہیں  مگر انھیں  برباد زیادہ کرتے ہیں  ان کی یہ بیداد گری گلزار ہست و بود کو بیگانہ وار دیکھنے کی ایک بھونڈی مثال ہے۔ننھی اور نرم و نازک کونپلوں ،ثمر دار شاخوں  کو نوچنا،کھدیڑنا، درختوں  کی چھال کو ادھیڑنا اور یہ سب اذیتیں  نباتات کو دے کر بھی داد طلب رہنا طوطوں  کا مطمح نظر رہا ہے ہے۔طوطوں  کے ہم پر اور بھی بے شمار گماں  ہیں۔یہ بات واضح ہے کہ ابھی چوری کھانے کے لیے انھیں  اور متعدد امتحان درپیش ہیں۔کہتے ہیں  کہ طوطے کو جب تک چوری ملتی رہے یہ دیپک راگ کی تان پر بھی مست رہتا ہے۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نیرو کی روح آوا گون کے بعد طوطے میں  حلول کر گئی ہے۔طوطوں  نے معاشرتی زندگی میں  جو اندھیر مچا رکھا ہے  وہ سب پر عیاں  ہے۔جب تک طوطے چوری ڈکار کر ٹیں  ٹیں  میں  انہماک کا مظاہرہ کرتے رہیں  گے ا  ہل درد قبر میں  پاؤں  لٹکائے بیٹھے رہیں  گے۔طوطوں  کے تحفظ کی تنظیم  جو سال چار سو بیس میں  قائم ہوئی تھی اور جس کا مرکزی دفتر عدم آباد میں  ہے انتیس فروری کو یوم طوطا منانے پر نہایت ڈھٹائی سے مصر ہے۔ اب ان عقل کے اندھوں  کو کون سمجھائے کہ 29فروری کا دن ہر سال نہیں بلکہ صرف لیپ کے سال میں  آتا ہے۔ جب بھی ایسی باتیں  کی جائیں تو طوطوں کے بہی خواہ لیپا پوتی کے ذریعے بات کو ٹال دیتے ہیں۔ اس دن کو منانے کے لیے پوری د نیا سے ہر سال خونیں  منقار والے طوطے اکٹھے ہوتے ہیں  اور منقار کی پکار پر ہل من مزید کا نعرہ ء مستانہ لگاتے ہوئے اپنے اندر کلاغی روح بیدار کرنے کا عزم کرتے ہوئے ریگستانوں ،ویرانوں  اور کھنڈرات میں  اضافے کے لیے اپنی پر آشوب جد و جہد جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہیں۔طوطے اس قدر سخت جاں  ہوتے ہیں  کہ شور قیامت ان کا بال بھی بیکا نہیں  کر سکتا۔تمام طائران ہرزہ سرا سے مل کر طوطے مجبوروں  کے چام کے دام چلانے میں  اپنا ثانی نہیں  رکھتے۔نالہ فریاد آہ و زاری سن کر ان کے کان پر جو ں  تک نہیں  رینگتی۔کھٹمل البتہ طوطوں  کو ان کی اوقات فراموش کرنے سے باز رکھتا ہے۔
                   داناؤں  کا کہنا ہے کہ طوطے ،بوم،شپر اور کرگس اپنی اصلیت کے اعتبار سے فلسفیانہ تصورات میں  کھوئے رہتے ہیں۔ہر معاملے میں  چونچ اڑانا ان کی گھٹی میں  پڑا ہوتا ہے۔طوطے اور بگلے کی طرز زندگی میں  گہری مماثلت پائی جاتی ہے۔فہم غم حیات اور شعور ذات سے مبرا یہ طیور ہاتھی کے دانتوں  کو بھی مات دے گئے ہیں۔یہ ایسے کواکب ہیں  جو بظاہر اجلے اور ضو فشاں  دکھائی دیتے ہیں  مگر ان کے اندر تاریکی،سفاکی عفونت،سڑاند اور سفاک ظلمت ڈھیروں  کے حساب سے موجود ہے۔بعض طوطے اگر چہ فلسفے کی ابجد سے بھی نا بلد ہیں  مگر پھر بھی بے غیرتی اور بے ضمیری کا کنٹوپ اوڑھے فلسفیانہ مو شگافیوں  میں  غلطاں  رہنا ان کا وتیرہ بن چکا ہے۔اپنے منہ میاں  مٹھو بننا ان کی قبیح عادتوں  میں  سر فہرست ہے۔طوطے اور حاسد کے مابین کوئی حد فاصل نہیں۔اندھی نقالی اور جلاپے میں  دونوں  اژدہا کے مانند ہیں  جو آن کی آن میں  آنکھو ں  میں  منظر اتار لیتا ہے۔طوطے چونچ پھاڑ کر بولتے ہیں  جب کہ حاسد کفن پھاڑ کر بولتے ہیں۔اس کے باوجود ایک معمولی سا فرق ہے جو کہ ہر چند کہیں  کہ ہے نہیں  ہے۔حاسد عام لوگوں  کے خون کا پیاسا ہوتا ہے جب کی طوطے خون پسینے کی کمائی پر گلچھرے اڑاتے ہیں۔
        طوطے کی تذکیر و تانیث اور املا کا مسئلہ زمانہ قبل از تاریخ سے ایک معما بنا ہوا ہے۔یہ طائر بھی عجیب ہے اس کا نام دو طرح سے لکھا جاتا ہے۔’’ طوطا ‘‘ اور ’’ توتا‘‘ دونوں  طرح سے مستعمل ہیں۔یہ ایک ایسی مشق ستم ہے جو مسلسل جاری ہے۔بہ ہر حال یہ معاملات بہت نازک ہیں  جو جس کے جی میں  آئے وہ کرتا پھرے طوطوں  کو اس سے کوئی غر ض نہیں۔جہاں  تک اس پرندے کی تذکیر و تانیث کا تعلق ہے یہ بھی ایک طرفہ تماشا ہے ماہرین لسانیات کا کہنا ہے کہ طوطا،بلبل،کوئل،کرگس اور شپر قماش کے طیور کو ایک ہی جنس اور تذکر و تانیث کا حامل سمجھنا درست ہو گا۔مثال کے طور پر کوئل کا مذکر کوئلہ اور بلبل کا مذکر بلبلہ لکھنا صحت زبان پر کوہ ستم توڑنے کے مترادف ہے۔اس عقدہ کو اب کون وا کرے کہ در و بام پر منڈلانے والا طائر نر ہے یا مادہ ؟صرف قیافہ شناسی ہی سے کچھ کام چلایا جا سکتا ہے۔ہم اس معاملے میں  کچھ کہنے سے اس لیے قاصر ہیں  کہ نقار خانے میں  طوطی کی آواز بھلا کون سنتا ہے۔ اہل ہوس صیاد چاروں  جانب دام بکھیرے طوطوں  کے متلاشی دکھائی دیتے ہیں۔ان ہراساں  شب و روز میں  طوطے جب اپنے آشیاں  کے چار تنکے طوفان حوادث کی زد میں  دیکھتے ہیں  تو حالات سے سمجھوتہ کر کے چپکے سے اپنے بال و پر سے دست بردار ہو کر صید زبوں  بن کر قفس میں  بالکل اسی طرح گوشہ ء عافیت تلاش کر لیتے ہیں  جیسے پس ماندہ ممالک کے کٹھ پتلی حکمران کیا کرتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ان دنوں  صیاد کا خوب طوطی بولتا ہے۔
      ہماری تنقید اور تحقیق کی سب سے بڑی محرومی یہ رہی ہے کہ متعدد تلخ حقائق خرافات کے طوماروں  میں  دفن کر دیئے گئے ہیں۔عمرانیات،نفسیات،علم بشریات اور تاریخ کے ماہرین نے اس جانب کوئی توجہ نہیں  دی کہ آخر کیا وجہ ہے کہ البیرونی سے لے کر الاندرونی تک ہر دور میں  طوطے کو قرعۂ فال نکالنے کے لیے کیوں  استعمال کیا جاتا رہا ہے۔کچھ لوگوں  کا خیال ہے کہ طوطے کا باطن منور ہوتا ہے۔اور دور کی کوڑی لانے میں  کوئی جان دار اس کا مقابلہ نہیں  کر سکتا۔میرے ہمسائے پروفیسر تاسف کھبال کھان کرگسوف طوطوں  پر اپنی اختصاصی مہارت کی وجہ سے ذلت،تخریب،بے توفیقی اور بے ضمیری میں  اپنا ثانی نہیں  رکھتے وہ اپنے والدین کا اتنا خیال نہیں  رکھتے جتنا اپنے پالتو طوطوں  کا خیال رکھتے ہیں۔طوطوں  کے کئی جوڑے انھوں  نے پا ل رکھے ہیں۔طوطی کی گردن میں سرخ رنگ کی پرو ں  کی مالا دیکھ کر ان کی آنکھوں  میں  ایک شیطانی چمک پیدا ہو جاتی ہے اور وہ جذبۂ بے اختیار شوق سے مغلوب ہو کر طوطے سے لپٹ جاتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ طوطا اپنے من میں  ڈوب کر نہ صرف مستقبل کی زندگی کا سراغ لگا لیتا ہے بلکہ چوری کھلانے والے کے لیے پیام نو بہار بھی لاتا ہے۔ہر طوطے کو یہ معلوم ہوتا ہے کہ اسے وہی کا ٹنا پڑتا ہے جو وہ بوتا ہے۔میرے خیال میں  طوطے کا فال نامہ محض قیاسی ہوتا ہے اور طوطا جو لفافہ اٹھا کر لاتا ہے اس کا یہ فعل فاقہ کشی کے باعث بد حواسی پر مبنی ہو تا ہے۔ ذہنی افلاس کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہو گا کہ اب ضعیف الاعتقاد لوگ طوطوں  کے فال پر تو اندھا اعتماد کرتے ہیں  مگر آلام روزگار کے مہیب بگولوں  میں  بھی ان کو اپنے خالق کی یاد نہیں  آتی۔قحط الرجال کے موجودہ زمانے میں  طوطوں  کی پانچوں  گھی میں  ہیں۔کچھ لوگوں  کا خیال ہے کہ آنے والا دور طوطوں  کا ہو گا۔گلشن کی ہر شاخ پر بوم،شپر،کرگس اور طوطوں  کا بسیرا ہو گا۔ہر طرف زاغ و زغن کا راج ہو گا اور عندلیب،ہما اور اس طرح کے طیور کو گلشن سے نکال باہر کیا جائے گا۔طوطا راج میں  گلشن سے سرو صنوبر،گل و لالہ اور اثمار و اشجار کو تلف کر دیا جائے گا اور زقوم،حنظل اور تھوہر کی کاشت پر توجہ دی جائے گی۔ قرائن سے یہ اندازہ لگا یا جا سکتا ہے کہ اس عمل کا آغاز ہو چکا ہے۔ہمارے چاروں  جانب عقابوں  کے نشیمن پر زاغوں  نے غاصبانہ طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔طوطوں  کی شہ پر زندگی کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا گیا ہے۔ ان کی بقا کو ہدف بنا دیا گیا ہے۔ مظلوموں   کے اشک رواں  کی لہر میں  سب کچھ بہہ گیا ہے مگر طوطے مسلسل اپنی ٹیں  ٹیں  میں  منہمک ہیں۔زندگی کی تمام رعنائیاں  گہنا گئی ہیں  مگر طوطوں  کو ساون کے اندھے کی طرح ہر ا ہی دکھائی دیتا ہے۔گلشن کی صباحت،آفتاب کی کرن کے الطاف و عنایات،گل کی آرزو کی تمنا کرنے والے طوطوں  کے معتوب ٹھہرتے ہیں۔شاہین کی بلند پروازی  طوطوں  کی آنکھ میں  خار مغیلاں  کی طرح کھٹکتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ طوطوں  کو بالعموم ایسا طائر خیال کیا جاتا ہے جو طفیلی بن کر کوڑے کے ڈھیر سے جاہ  و منصب کے چبائے ہوئے نوالے اپنی چونچ میں  ٹھونس کر دوسروں  کو مرعوب کرنے کی فکر میں  خجل رہتا ہے۔اپنی طوطا چشمی کے باوجود یہ سیر چشمی سے محروم ہے۔
         ماہرین حیوانات ان طوطوں  پر تحقیق میں  مصروف ہیں  جو انسانوں  کی طرح بولنے پر قادر ہیں۔ایسے کثیر اللسانی طوطے ایک عجیب مخلوق ہیں۔موسم کی طرح روپ اور لہجہ بدلنا ان کی پہچان ہے۔اپنی  ضرورت کے مطابق ایسے طوطے پلک جھپکنے میں  اپنا موقف بدل لیتے ہیں۔اپنے آقا اور چوری کھلانے والے کی ہاں  میں  ہاں  ملانے والے اور ڈنڈے کے مرید ایسے طوطے اب کثرت سے مل جاتے ہیں۔متفنی،موذی اور پر اسرار طوطے جو کہ ذوق گدائی دل میں  لے کر حریصانہ نظروں  سے دنیا کو دیکھتے ہیں  آخر کار ان کا کچا چٹھا اہل نظر کے سامنے آ ہی جاتا ہے۔مسلسل شکست دل کے باعث معاشرہ عجیب بے حسی کا شکار ہو گیا ہے۔بے حس سوتوں  اور عیار طوطوں  نے تو سارا نظام ہی تلپٹ کر دیا ہے۔دیار مغرب کی فضا میں  کچھ دن گزار کر آنے والے طوطے اپنی بولی بھول کر وہیں  کی راگنی الاپتے ہیں۔ان کی خست اور خجالت ان کے احساس کم تری کو ظاہر کرتی ہے۔ان کی یاوہ گوئی ابتذال کی حدوں  کو چھو لیتی ہے۔ایسے طوطے راجہ گدھ کی قیادت میں  اپنے ساتھ فصلی بٹیروں ،کالی بھیڑوں ،سفید کوؤں ،بگلا بھگت طیور آوارہ اور گندی مچھلیوں  کا جم غفیر لیے خراماں  خراماں  ہر طرف منڈلاتے دکھائی دیتے ہیں۔اپنی ماں  پر تہمت لگا کر عدو سے داد سمیٹنے میں  انھیں  کوئی عار محسوس نہیں  ہوتی۔تاریخ کا ایک مسلسل عمل ہوتا ہے  اسے کبھی فراموش نہیں  کرنا چاہیے۔بولنے والے طوطے بولتے رہیں ،کانوں  میں  زہر گھولتے رہیں  مگر فطرت کی تعزیروں  کو کبھی فراموش نہ کریں۔خالق کائنات کے ہاں  دیر تو ہے مگر اندھیر نہیں۔اب تو طوطے اپنے پروں  میں  سر چھپا کر حالات سے یکسر بے گانہ اپنا الو سیدھا کرنے میں  مصروف ہیں  لیکن جلد وہ وقت آنے والا ہے جب کوئی آہن گر اجلاف و ارزال کے پروردہ ان طوطوں  کے کس بل نکال کر ان کو سیدھا کر دے گا۔ نظام کہنہ کے سائے میں  عافیت کے آشیاں  میں  چین سے بیٹھنے کا خواب دیکھنے والے والے طوطے یہ بات فراموش نہ کریں  کہ ایک گرتی ہوئی عمارت میں  بنایا جانے والا آشیاں  اور بکرے کی ماں  سے خیر کی توقع کیسے رکھیں ؟
	طوطے ا یک پیر تسمہ پا کے مانند انسانیت کی چلتی پھرتی لاش کے گرد چمٹ چکے ہیں۔ ان کی چونچ کو جب سے خون لگا ہے وہ مظلوم و مجبور انسانوں  کے در پئے آزار رہنے لگے ہیں۔ اپنی ہی جبیں  پہ سر کفن کو کج رکھنے کی وصیت کر کے الم نصیب انسان اس دینا سے سدھار جاتے ہیں  تاکہ طوطوں  کو یہ گمان نہ ہو کہ مرنے والوں  نے حریت فکر کا بانکپن فراموش کر دیا۔ہر اولی الامر کو یہ صدا دے کروہ رخصت ہو گئے کہ وہ اپنی فرد عمل سنبھال لیں  طوطوں  کا مسیحا کوئی نہیں۔ یہ صبح گئے کہ شام گئے۔سیل زماں کا ایک تھپیڑا آنے کی دیر ہے نہ حلوے مانڈے رہیں  گے اور نہ ہی چوری اور پوری۔ طوطے اور ان کے ہم نوالہ و ہم پیالہ فصلی بٹیرے اس میں  خس و خاشاک کی طرح بہہ جائیں  گے۔ طوطوں  کو نوشتۂ دیوار پڑھ لینا چاہیے۔ بربادی ء گلستاں میں  طوطوں  کا کر دار تاریخ میں  سیاہ حروف میں  لکھا جائے گا۔
٭٭٭

مصنف کے تشکر کے ساتھ جنہوں نے  فائل عطا کی
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

