﻿



ٹانکے دل کے زخموں کے



حیدر قریشی

’’دعائے دل‘‘ کی غزلیں 
 

 


شوق جو سود یا زیاں کے تھے
سلسلے وہم اور گماں کے تھے
طُور سے بڑھ کے اپنا حال ہوا
صرف اک بار مَن میں جھانکے تھے
جانے کیسے یہاں چلے آئے
ہم کسی دوسرے جہاں کے تھے
رنگ سارے نظر کا تھے جادو
اور سب ذائقے زباں کے تھے
قسمتوں نے ملا دیا ورنہ 
تم کہیں کے تھے، ہم کہاں کے تھے
داستاں گو کی ذات سے اُبھرے
جتنے کردار داستاں کے تھے
آج تو کھُل کے ہنس دیئے حیدر
دل کے زخموں کے جتنے ٹانکے تھے

٭٭٭ 


عشق کی دنیا کے اَن دیکھے نگر رہتے ہیں 
عُمر تھوڑی سی ہے اور اِتنے سفر رہتے ہیں 

ابھی کچھ اور چکانے ہیں زمانے کے حساب
اِس کے کچھ قرض ابھی تک مِرے سر رہتے ہیں 

کبھی سوچا ہی نہیں آپ نے، یہ کون ہیں جو
اپنا گھر ہوتے ہوئے آپ کے گھر رہتے ہیں 

شہر اک اور وہاں آپ ہی بَس جاتا ہے
جس جگہ جا کے ترے شہر بدر رہتے ہیں 

متلاطم ہے ابھی تک مِرے دل کا دریا
اور دریا میں بہت سارے بھنور رہتے ہیں 

جسم کا سحر، طلسم آنکھ کا، لب کے منتر
اُس میں بھی کتنے فسوں ساز ہنر رہتے ہیں 

چور سا آن چھپا ہے مِرے من میں حیدر
اُس کے سینے میں بھی سو طرح کے ڈر رہتے ہیں 
٭٭٭


یہ آنکھ کے آنسو ہیں کہ ساون کی جھڑی ہے
قابو میں نہیں دل کہ حضوری کی گھڑی ہے

ہم نے ترے غم میں کوئی مالا نہیں پہنی
سینہ ہی دَمکتے ہوئے زخموں کی لڑی ہے

خاطر میں مگر پھر بھی کہاں لائے کبھی ہم
کب اہلِ ملامت پہ نہ اُفتاد پڑی ہے

موت آئی ہوئی ہے مجھے لینے کے لئے اور
یہ زندگی پاس اپنے ہی رکھنے پہ اَڑی ہے

ہے زندگی و موت میں اک معرکہ برپا
جیتے کوئی، ہم پر یہی اک رات کڑی ہے

٭٭٭

 



سب گزرے ہوئے پیارے مجھے دِکھنے لگے ہیں 
یا سامنے آئینے کی دیوار کھڑی ہے

دیکھو ہمیں ، ہم ہنستے ہوئے جانے لگے ہیں 
کچھ جان پہ گزری ہے نہ نزع کی تڑی ہے

کیا اور محبت کا یقیں اُن کو دِلائیں 
دَم آنکھوں میں اَٹکا ہے نظر اُن پہ گڑی ہے

تشریف تو لے آئے وہ حیدر دمِ رخصت
سو اپنے لئے اتنی عنایت ہی بڑی ہے

٭٭٭ 

مستی میں جا رہا ہوں 
دھومیں مچا رہا ہوں 

دریا ہوں اور اپنی
موجیں اڑا رہا ہوں 

نظروں سے گر گئے ہو
دل سے اُٹھا رہا ہوں 

کیسا جلا گئے ہو
بجھتا ہی جا رہا ہوں 

سو جاؤ نیند بھر کے
خوابوں میں آ رہا ہوں 

چوری پکڑ نہ لے وہ
نظریں چرا رہا ہوں 

نا ممکنات حیدر
ممکن بنا رہا ہوں 

٭٭٭ 

آگ اپنے خون سے آخر بجھانی پڑ گئی
کس قدر مہنگی اسے شعلہ بیانی پڑ گئی

صبر کو میرے جو میری بے بسی سمجھے رہا
دیکھ کیسے اُس پہ میری بے زبانی پڑ گئی

ایک مدت سے الگ ہیں جب ہمارے راستے
پھر مِرے قصے میں کیوں تیری کہانی پڑ گئی

تجھ تلک پہنچا ہوں خاصی دیر سے عمرِ کہن
پہلے آنا تھا مگر رہ میں جوانی پڑ گئی

اعتبار اک دوسرے پر کب ہمیں تھا زندگی
جھُوٹی مُوٹی دوستی تھی اور نبھانی پڑ گئی

مُشک جیسی کوئی بھی شے کب چھُپانے سے چھپی
آپ کو پھر کس لئے صاحب چھُپانی پڑ گئی

خوف واقف تھے کسی کے پیار سے حیدر مگر
آزمائی چیز پھر سے آزمانی پڑ گئی

٭٭٭ 


جو دل میں کشمکشِ نیک اور بد نہ رہے
لہو کی لہروں میں پھر کوئی جزر و مد نہ رہے

یہی تذبذب و تشکیک اب سند ٹھہرے
سند سمجھتے تھے جن کو وہ مستند نہ رہے

خدایا اِن پہ بھی اتنی عنایتیں کر دے
کہ حاسدوں کے دلوں میں کہیں حسد نہ رہے

جب اعتماد نہیں ہے تو دوستی کیسی
وہ دشمنی بھی نہیں ہے کہ جو اشد نہ رہے

سپردگی بھی محبت کا ایک رنگ سہی
مزہ ہی کیا رہا جب اس میں رد و کد نہ رہے

ہماری عمر کی یہ آخری محبت ہے
سو اب کے بار محبت کی کوئی حد نہ رہے

یہ بال و پر تو چلو آ گئے نئے حیدر
بلا سے پہلے سے اپنے وہ خال و خد نہ رہے
٭٭٭ 

کرتا ہے تجھ سے عشق جو ایمان جان کر
کچھ تو لحاظ اس کا مِرے بدگمان کر

تجھ کو خدائے حُسن تو ہم مان ہی چکے 
مت اِس سے بڑھ کے حُسن و جوانی پہ مان کر

بڑھ کر ترے نشانے کی زد پہ خود آؤں گا
پہلے نظر کو تِیر، بدن کو کمان کر

اپنے نشے میں تنہا بھٹکنے سے فائدہ
خود کو زمیں پہ لا کے مجھے آسمان کر

اپنی ہوا میں کب تلک اڑتا پھرے گا تُو
میرے چراغِ جسم کی جانب بھی دھیان کر

واجب حضورِ حُسن میں ہوتی ہے نذر بھی
اس بارگہ میں پیش تو دل کا جہان کر

کچھ وہ بھی حیدر اب کے بڑے مہربان تھے
کچھ ہم بھی اپنے گھر سے ہی نکلے تھے ٹھان کر

٭٭٭ 


دشمنِ دل کے جاہ و حشم رہ گئے
اور مِرے ضبط کے بھی بھرم رہ گئے

چار قدموں کا ہے زندگی کا سفر
دو قدم چل چکے، دو قدم رہ گئے

مِٹ گئے تیری تاریخ کے حرف سب
میں نے لکھے جو قصے رَقَم رہ گئے

اِس طرح سے سمٹتے گئے فاصلے
تم رہے اور نہ میں ، صرف ’’ہم‘‘ رہ گئے

جب بھی سوچا ہے تعریف لکھیں تری
اپنے ہاتھوں میں لے کر قلم رہ گئے

دنیا والے تو ہر فیض پاتے رہے
اہلِ دل کے لئے ہّم و غم رہ گئے

زخم حیدر سبھی بھر دیئے وقت نے 
یاد لیکن کسی کے ’’کرم‘‘ رہ گئے
٭٭٭ 


ناز و غرور آپ کو تیر و کمان پر
ہم کو بھی اعتماد ہے اپنی اُڑان پر

پاؤں زمیں پہ اُن کے بھی ٹکتے نہیں کہیں 
دل کا دماغ بھی ہے اِدھر آسمان پر

یہ سوچ لیجئے پہلے یہ بازارِ عشق ہے
سودا تو مل ہی جائے گا پر نقدِ جان پر

لہجے کی وہ مٹھاس بھی کیا جانے کیا ہوئی
اندر کا زہر آگیا اُن کی زبان پر

تذلیل تو ہماری فقط اس لئے ہوئی
آئے نہ حرف پھر کبھی جھوٹوں کی شان پر

اب آگے رخ یہ کونسا کرتی ہے اختیار
حیدر یہ منحصر ہے مری داستان پر
٭٭٭ 

جتنے دل والے تھے، جتنے بانکے تھے
اہلِ ستم نے اک لاٹھی سے ہانکے تھے

کچھ پہلے عشاّق کا ہی اعزاز نہیں 
دشتِ جنوں کی خاک تو ہم بھی پھانکے تھے

چاند، ستارے آتے رہتے تھے کتنے
جب تک مجھ میں منظر کاہکشاں کے تھے

اب الزام لگاتے ہو  بِک جانے کا
قیمت میری کل تک تم بھی آنکے تھے

کیوں جھوٹی تقدیس کی باتیں کرتے ہو
کچی عمر میں تم بھی تانکے ، جھانکے تھے

آخر آنے تھے اک دن تو جسم تلک
پیارے جتنے روگ تمہاری جاں کے تھے

جرمن احسانات سبھی برحق حیدر
فیض مگر کچھ اور ہی دھرتی ماں کے تھے

٭٭٭ 

(بڑے بیٹے شعیب کے نام)

محبت کا مزہ ہے ہجر میں بے تاب ہونے تک
بہاریں دل کی ہیں دُکھ درد سے سیراب ہونے تک
ابھی کچھ دھُوپ چمکی ہے، ابھی کچھ برف پگھلی ہے
تمہاری عمر کا دریا چڑھے سیلاب ہونے تک
ذرا آنکھیں چھلکنے دو، ابھی شعلے بھڑکنے دو
تم اپنے عشق کے داغوں کی آب و تاب ہونے تک
مناسب ہے کہ کوئی داستاں اپنی بنا ڈالو
نہیں تو سوہنی کا ساتھ دو غرقاب ہونے تک
زمانے کی حقیقت جاننے سے فائدہ؟، ویسے
حقیقت جان لو گے واقفِ احباب ہونے تک
تمہاری نیند میں ہم زندگی اک اور جی لیں گے
ہمیں آنکھوں میں بھر لینا ہمارے خواب ہونے تک
چراغِ نیم شب حیدر ابھی جلتے ہی رہنا ہے
سحر ہونے تلک، ظلمت سے فتح یاب ہونے تک

٭٭٭ 


ذرا دل کے پتھر کو پانی کرو
فقیروں پہ بھی مہربانی کرو
سدا حُسن قائم تمہارا رہے
دلوں پہ سدا حکمرانی کرو
گلابوں کا تحفہ بھی اچھا لگا
لبوں سے بھی کچھ گُل فشانی کرو
ہمیشہ ہی انکار اچھا نہیں 
کبھی بات میری بھی مانی کرو
سدا دولتِ حُسن رہتی نہیں 
اسے میرے تک آنی جانی کرو
مرے سبز باغوں میں آؤ کبھی
کبھی سیرِ جاں ، یار جانی کرو
ثبوتِ وفا بھی دکھاؤ اسے 
فدا اس پہ باقی جوانی کرو
وہ حیدر بہت بھولی بھالی سی ہے
اُسے تھوڑی تھوڑی سیانی کرو

٭٭٭ 

درد و غم سے اسے نکھارتا ہے
عشق انسان کو سنوارتا ہے
برف، بادل، ندی، سمندر، اَشک،
پانی بھی کتنے روپ دھارتا ہے
باقی جتنی ہے زندگی دل کی 
نذر تیری اِسے گزارتا ہے
اُس پہ سارا معاملہ چھوڑا
اب ڈبوتا ہے چاہے تارتا ہے
خود ہی مطعون ہو گیا آخر
جو فقیروں کو طعنے مارتا ہے
میں تو ساحل کی ریت ہوں پیارے
ریت سے کون گھر اُسارتا ہے
مسترد کر کے جھوٹی تاریخیں 
وقت خود جھوٹ سچ نتارتا ہے
کس نے اندر کے در سے دی ہے صدا
کون ہے اور کسے پکارتا ہے
اک فرشتہ ہے عشق کا حیدر
مجھ پہ جو شاعری اُتارتا ہے
٭٭٭ 


تمہارے نام کے ساتھ اپنے نام کا مطلب
وہی جو ہوتا ہے رادھا سے شام کا مطلب

جو اپنی ہجر بھری زندگی گذار گیا
وہ جان لے گا وصالِ دوام کا مطلب

اُسے خبر ہے کہ رُوئے سخن ہے کس جانب
کہاں وہ سمجھے گا میرے کلام کا مطلب

نمازِ عشق تو پروانہ وار ہوتی ہے
پھر اس میں سجدہ، رکوع و قیام کا مطلب

سجایا خانۂ دل جن کے واسطے حیدر
وہی نہ سمجھے مِرے اہتمام کا مطلب

٭٭٭ 

جب اُس نے خاک اُڑانے کا ارادہ کر لیا ہے
تو ہم نے دل کے صحرا کو کشادہ کر لیا ہے

حدیں وہ کر گیا ہے پار سب جورو ستم کی
سو ہم نے صبر پہلے سے زیادہ کر لیا ہے

نہیں ، اس جیسی عیاری تو ممکن ہی نہیں تھی
زمانے سے ذرا بس استفادہ کر لیا ہے

کچھ ایسا ہے کسی کی سر زمینِ دل کا جادو
محبت کا سفر اب پا پیادہ کر لیا ہے

چلو حیدر غنیمت ہے یہ صندل کی مہک بھی
کہ یاروں نے تو لکڑی کا برادہ کر لیا ہے

٭٭٭ 

اِسی خموشی کو تیرا جواب ہونا ہے
ہمارے صبر نے سیلِ چناب ہونا ہے

خدا کے نام پہ تم نے بہت خدائی کی
تمہارے جبر کا اب احتساب ہونا ہے

خراب کر لی جوانی تمہاری چاہت میں 
اب اِس سے بڑھ کے بھلا کیا خراب ہونا ہے

ابھی کچھ اور بھی الزام وہ لگائے گا
پھر اس کے بعد اُسے آب آب ہونا ہے

شمار زخموں کا شاید وہیں پہ ہو پائے
سُنا ہے اگلے جہاں میں حساب ہونا ہے

جو کھولنے لگیں بابِ قبول خود جا کر
اُنہِیں دعاؤں کو اب مستجاب ہونا ہے

کئی برس ابھی گزریں گے ہجر کے حیدر
حضورِ مرگ میں تب باریاب ہونا ہے

٭٭٭ 


صحراؤں کے دامن میں سمندر نہیں رکھا
اب آنکھوں میں ایسا کوئی منظر نہیں رکھا
غم ہو یا خوشی ہو، وہ محبت ہو کہ نفرت
ہم نے کوئی جذبہ بھی چھپا کر نہیں رکھا
دیکھو مجھے اِس حال میں مت چھوڑ کے جانا
دل پر ابھی میں نے کوئی پتھر نہیں رکھا
رہ جائے بھرم یاروں کی خوش قامتیوں کا
خود کو کبھی یاروں کے برابر نہیں رکھا
گو عقل کی ہم فہم و فراست کے ہیں قائل
لیکن اِسے دل کا کبھی افسر نہیں رکھا
انمول رتن بننے سے بے مول ہی اچھے
سر جبر کی سرکار کے در پر نہیں رکھا
لے آئے ہیں ہاتھوں پہ اٹھائے ہوئے حیدر
اوروں کی طرح شانوں پہ یہ سر نہیں رکھا

٭٭٭ 

آپ کو بھی در پئے آزار ہونا تھا، ہوئے 
اور ہم نے زیر بارِ یار ہونا تھا، ہوئے

تہمتوں کے اور بہتانوں کے اعزازات کو
جب ہمارے ہی گلے کا ہار ہونا تھا، ہوئے

لاکھ صحرا اور سمندر بچھ گئے تھے راہ میں 
اِن فقیروں نے جہاں سے پار ہونا تھا، ہوئے

خواب کی دنیا میں کتنی دیر تک رہتے بھلا
اک نہ اک دن تو ہمیں بیدار ہونا تھا، ہوئے

عشق میں تکریم بھی اپنا مقدر تھی، ہوئی
اور پھر رُسوا سرِ بازار ہونا تھا، ہوئے

یہ بھی آنا تھا مقام آخر تمہاری چاہ میں 
ہم نے اپنے آپ سے بے زار ہونا تھا، ہوئے

ذہن و دل کی جنگ میں خاموش رہتے کس طرح
خود سے حیدر برسرِ پیکار ہونا تھا، ہوئے

٭٭٭ 

حکمرانی کی تمناّ اتنی خود سر ہو گئی
مل نہ پائی بادشاہت، بادشہ گر ہو گئی

انتہائے تِیرگی سے ہو گیا سورج طلوع
پیاس اتنی بڑھ گئی کہ خود سمندر ہو گئی

دوستوں کی خیر خواہی کا گُنہ ایسا ہوا
پڑ گیا بھاری گُنہ، نیکی برابر ہو گئی

روکھے پھیکے پَن کی اب عادت بنانی ہے ہمیں 
اتنے میٹھے ہو گئے تھے ہم کہ شوگر ہو گئی

ایک حسرت دل کے گھر میں بس گئی ہے آن کر
ایک خواہش جب سے دل کے گھر سے بے گھر ہو گئی

جبر کے کرب و بلا کی خاک میں رُلتی ہوئی
زندگی بھی حضرتِ زینب کی چادر ہو گئی

جب یزیدِ عصر کے لشکر سے باہر آ گئے
حُر سے نسبت اپنی بھی تھوڑی سی حیدر ہو گئی
٭٭٭ 


جس کام میں بھی لگ گیا حد سے گزر گیا
اِتنا ہوا خراب کہ گویا سُدھر گیا

ہونے لگا ہے پیار اُسی جلد باز سے 
جوتوں سمیت جو مِرے دل میں اُتر گیا

بیٹھا ہوا تھا چھُپ کے جو اک ڈر کے روپ میں 
تم کھُل گئے تو ذہن سے اُس ڈر کا شر گیا

غالب کے بعد آنا تھا اِس کو اِدھر مگر
سیلابِ عشق تو یہیں آ کر ٹھہر گیا

اُس کے کرم نے کی تھیں ذرا یونہی شوخیاں 
ہم نے سمجھ لیا کہ دعا سے اثر گیا

’’دستار والے‘‘ خود کو بچا کر نکل گئے
ہم ’’ننگِ سر‘‘ تھے اس لئے اپنا ہی سر گیا

پریوں کے جمگھٹے میں جو اِندر بنا رہا 
عمرِ عزیز! وہ ترا حیدر کدھر گیا
٭٭٭ 

دکھوں کو جھیل جانا آگیا ہے
ہمیں بھی مسکرانا آگیا ہے
سلگتے تھے کبھی چُپ چاپ خود میں 
مگر اب جگمگانا آگیا ہے 
نصیبِ عاشقی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اللہ اکبر!
جبیں تک آستانہ آگیا ہے
بہت بَن ٹھَن کے اب ملنے لگے ہو
تمہیں دِکھنا، دِکھانا آیا ہے
اُٹھا لو تِیر اب نظروں کے پیارے
کماں تک خود نشانہ آگیا ہے
کھِلا پہلے گلاب ایسا بدن اور
اب اُس کو لہلہانا آگیا ہے
وہ سچ مچ آگیا ہے دسترس میں 
کہ جھولی میں خزانہ آگیا ہے
مہک جو دے اُٹھے اِس عمر میں بھی
ہمیں وہ گُل کھلانا آگیا ہے
یہ کس چکر میں حیدر پڑ گئے ہو
یہ تم پر کیا زمانہ آگیا ہے
٭٭٭ 

ادھیڑ عمر تمناؤں کو جواں کرنا
کسی کا پھر دلِ ناداں کو خوش گماں کرنا
وہ ایک کشتی پہ اپنی رفاقتوں کا سفر
اور اس کا سر کے دوپٹے کو بادباں کرنا
وہ پہلے روکنا اُس ساحلِ مراد کا اور
پھر اس کا خود ہی مجھے خود پہ بیکراں کرنا
وفورِ شوق میں اُس خود سپردگی کے سبب
وہ راہِ عشق میں اِس جان کا زیاں کرنا
وہ اپنا ملنا، وہ خاموشیاں وہ یکجائی
وہ بے زبانوں کو پھر اپنا ہم زباں کرنا
وہ اس کے جسم کی دلکش عنایتِ پیہم
وہ دن میں قوسِ قزح، شب میں کہکشاں کرنا
وہ ٹوٹ ٹوٹ کے آنا ہمارا چاہت میں 
اور اس کا ویسے ہی وہ چشم مہرباں کرنا
ہوئے ہیں ایک تو اب ایک ہی رہیں دونوں 
کسی کو بھی نہ مِرے اپنے درمیاں کرنا
وصالِ یار کا احوال بس کرو حیدر
زیادہ اس سے نہ کچھ اور اب بیاں کرنا
٭٭٭ 

حالتِ دل کا اُس پہ اثر ہو گیا
وہ مِرا بے خبر، باخبر ہو گیا

کوئی دشتِ جنوں ہے نہ شوقِ جنوں 
تو مِرا پیار بھی جسم بھر ہو گیا

کچھ خطا بھی مِری بے ارادہ ہوئی 
اور کچھ اُن سے بھی درگزر ہو گیا

وَلولے دل کے پھر سے جواں ہو گئے
نسخۂ دل لگی کارگر ہو گیا

وسوسے یونہی گھیرے رہے تھے ہمیں 
کام ہونا تھا جو بے خطر ہو گیا

جسم سے روح اور روح سے جسم تک
طے محبت کا سارا سفر ہو گیا

منزلِ وصل جیسے ہی طے ہو گئی
قصۂ عشق بھی مختصر ہو گیا
٭٭٭ 

چاہے وہ بال بچوں والی ہے
دل کی منطق مگر نرالی ہے

اب تماشہ تو خود بخود ہو گا
بات خود آپ نے اُچھالی ہے

موت کو چھُو کے دیکھنا ہے ذرا
زندگی اپنی دیکھی بھالی ہے

رُوح میری بھی ہے کھرا سونا
تیری دنیا اگر کٹھالی ہے

دُکھ تو بے شک بہت ہوا لیکن 
اُس کی چاہت تو آزما لی ہے

دوستی میری بے مثال ہے تو
دُشمنی بھی مِری مثالی ہے

بیج بویا تھا پیار کا حیدر
لگتا ہے فصل پکنے والی ہے

٭٭٭ 

تختِ شہی تھے جس کی نظر میں حقیر سے 
اُس کے تعلقات ہیں اب ہر امیر سے 

آخر لکیر اپنے فقیروں کو کھا گئی
بس اک فقیر بچ گیا ہٹ کر لکیر سے 

اب آپ کربلا کوئی بے شک سجایئے
دھوکہ ہم اور کر نہیں سکتے ضمیر سے

عشق اپنے بیچ ہے فقط اک قدرِ مشترک
نسبت مگر کوئی نہیں مجنوں کی ہیر سے

حکمِ رہائی اس کے لئے موت ہی نہ ہو
بہتر ہے پہلے پوچھ لو اپنے اسیر سے

سارے اساتذہ ہیں مجھے محترم مگر
غالب کا معتقد ہوں محبت ہے میر سے 

حیدر نئے ادب میں تو گھائل انہیں کا ہوں 
رشتہ بہت ہی گہرا ہے آغا وزیر سے

٭٭٭ 


ہمارے ہونٹوں پہ حرفِ وصال باقی ہے
جواب مل چکا، پھر بھی سوال باقی ہے
یہ ڈھلتی عمر بھی شعلے مِرے بجھا نہ سکی
لہو میں اپنے ابھی اشتعال باقی ہے
تمہارا حُسنِ خدا داد تو نہ رہ پایا
مگر فقیر کا حُسنِ خیال باقی ہے
کچھ اور بڑھ گیا ہے سلسلہ تذبذب کا
یقین ختم ہوا، احتمال باقی ہے
ہم اپنے آپ کو اب تک منا نہیں پائے
بس اک یہی ہے جو کارِ محال باقی ہے
ابھی تو زور ہی ٹوٹا ہے جابروں کا، ابھی
نظامِ جبر کا پورا زوال باقی ہے
منافقت کا ہنر آ سکا نہ حیدر کو
ہنر وروں میں یہی بے کمال باقی ہے

٭٭٭ 

یوں حُسنِ ضیا بار کی خیرات عطا کر
جو ختم نہ ہو وَصل کی وہ رات عطا کر
پتھر کا بنا کے، کبھی مُردوں سے اُٹھا کے
اِن رَس بھرے ہونٹوں کے طلسمات عطا کر
کچھ دیتے ہی رہنے میں تری شان ہے پیارے 
خوشیاں نہیں دے سکتا تو صدمات عطا کر
اب عمر کا یخ بستہ و ویران سفر ہے 
اِس وقت مجھے دھوپ کی برسات عطا کر
موسم کا کرم ہو کوئی اِس سُوکھے شجر پر 
ممکن نہیں پھَل، پھُول، تو چل پات عطا کر
اس حُسن کے دربار میں غزلوں کے ذریعے
یونہی مجھے توفیقِ مناجات عطا کر
خواہش تھی کہ اک بار کبھی خود سے بھی ملتے 
فرصت کبھی اے گردشِ حالات عطا کر
میرے لئے کافی ہے یہ دنیائے ادب میں 
جو دی نہیں اوروں کو وہی بات عطا کر
جو اپنی تجلی سے منور رہے ہر دم
حیدر کو وہی معرفتِ ذات عطا کر
٭٭٭ 

تھوڑا سا اس لئے ہوں میں سرکار سے پرے
ہر دائرہ ہے نقطۂ پرکار سے پرے

بس روز روز ایسے ہی ملتے رہیں ہمیں 
غزلیں بہت سی ہیں ابھی اظہار سے پرے

جذبات میرے آپ سے کچھ مختلف نہ تھے
اب تک رہے ہیں آپ تو بے کار سے پرے

صاحب! ابھی ہم اتنے بھی بوڑھے نہیں ہوئے 
ہونے لگیں جو زلف اور رخسار سے پرے

جتنا قریب جانے کی خواہش شدید تھی 
اتنا ہی کر دیئے گئے دلدار سے پرے

حیدر کبھی تو ہوں گے کسی در سے فیضیاب
کب تک رہیں گے حُسن کے دربار سے پرے

٭٭٭ 

چٹان تھا وہ سو اُس میں شرر بھی رہتا تھا
شدید ضرب کا مجھ میں ہنر بھی رہتا تھا
اُسی کے دَم سے ہمیں اعتبارِ حُسن ہوا
دیارِ حُسن میں اک معتبر بھی رہتا تھا
یقین تھا کہ محبت کا پاک جذبہ ہے
مگر لہو میں بہت شور و شر بھی رہتا تھا
کشادہ رکھتا تھا بانہیں وہ میرا دریا دل 
پر اُس کے دل میں کہیں اک بھنور بھی رہتا تھا
وہ رونقیں بھی مِرے گھر کو بخشتا تھا مگر
وہ میرے گھر میں کہیں در بدر بھی رہتا تھا
اگرچہ لمبی مسافت کا دَم نہ تھا اُس میں 
مگر ہمیشہ مِرا ہم سفر بھی رہتا تھا
وہ منزلوں کا مسافر تھا اور میں رستوں کا
نڈر بھی بنتا تھا، اُس کو حذر بھی رہتا تھا
کسی کے جسم کا جادو جگا دیا جس نے 
ہماری پوروں میں ایسا اثر بھی رہتا تھا
یہی خیال بہت ہے اِس عمر میں حیدر
ہماری دھُن میں کوئی بے خبر بھی رہتا تھا
٭٭٭ 


نکلے تھے جس کے واسطے افلاک چھوڑ کر
جانا کہاں ہے اب اُنہیں یہ خاک چھوڑ کر

دَستار کے وہ پیچ بھی برحق سہی مگر
ہم جا سکے نہ زُلف کی پیچاک چھوڑ کر

اہلِ خرد کو ذوقِ جنوں تو نہیں ملا
لَوٹ آئے بس وہ فہم اور ادراک چھوڑ کر

مٹی کو شکل چاک پہ ملتی ہے، ٹھیک ہے
ملتی ہے شخصیت مگر وہ چاک چھوڑ کر

نادان دشمنوں کو لگاتا نہیں میں منہ
جاتا نہیں ہوں دشمنِ چالاک چھوڑ کر 

حیدر نگاہِ عشق کا جادُو بھی دیکھ لو 
آیا ہے حُسن ناز کا فتراک چھوڑ کر
٭٭٭ 

دل کی حالت کچھ اضطراری ہے
بے قراری سی بے قراری ہے

کوئی تبدیلی چاہئے دل کو
کیسی یکسانیت سی طاری ہے

پہلے دیوی بنایا ہے تجھ کو
پھر تری آرتی اُتاری ہے

ہم سزا وارِ وصل ٹھہرے ہیں 
غلطی حالانکہ یہ تمہاری ہے

راس آتی نہیں خوشی کوئی 
اپنی دُکھ دَرد ہی سے یاری ہے

داؤ پر جو ہمیں لگا بیٹھا
وقت شاید کوئی جواری ہے

ہم نے بھوگا ہے صرف اِسے حیدر
ہم نے کب زندگی گذاری ہے

٭٭٭ 


اگلی نسلوں میں چلی جائے روانی اپنی 
زندگی! ختم نہیں ہو گی کہانی اپنی
اپنے بچپن سے جوانی کے زمانے تک کی
سونپ دی بچوں کو ہر ایک نشانی اپنی
وہی جذبے بھی، دعائیں بھی، تمنائیں بھی
منعکس ہونے لگی عمر دوانی اپنی
وہی ہونٹوں کو نہ تکلیف تکلم دینا
بات کر لینا وہ آنکھوں کی زبانی اپنی
زور برسات کا ٹوٹا تو دھنک سی بکھری
زندگی ہو گئی کچھ اور سہانی اپنی
صورت اَبُو کی اُبھر آئی مِرے چہرے میں 
دے گئی کیسی خوشی جاتی جوانی اپنی
آج اولاد کے آئینے میں حیدر ہم نے 
تازہ کر لی ہے ہر اک یاد پرانی اپنی

٭٭٭ 

دریا کہ نہر میں ہوں 
پر اپنی لہر میں ہوں 

کہنے کو صرف پل بھر
اور سارے دہر میں ہوں 

پتھر کے لوگ سارے
جادو کے شہر میں ہوں 

یہ کون مہرباں ہے
یہ کس کے قہر میں ہوں 

تریاق بن کے حیدر
نفرت کے زہر میں ہوں 

٭٭٭ 

مرجھائے ہوئے پھول کی خوشبو ہے کہ تُو ہے
یہ حُسن کا ٹُوٹا ہوا جادُو ہے کہ تُو ہے

آنکھوں کو یقیں آیا نہیں خود پہ ابھی تک
اک وہم سا پھیلا ہوا ہر سو ہے کہ تُو ہے

مٹنے ہی جو والا ہے ابھی خاک پہ گر کر
پلکوں پہ لرزتا کوئی آنسو ہے کہ تُو ہے

پھر وقت کے برگد کے تلے گیان کی دھن میں 
نکلا ہوا گھر سے کوئی سادھو ہے کہ تُو ہے

حیدر شبِ یلدا کی سیہ سرد فضا میں 
یہ بجھتا، چمکتا ہوا جگنو ہے کہ تُو ہے

٭٭٭ 

ہم بھی چالاک تھے اور تم بھی جہاں دیدہ تھیں 
نیتیں دونوں کی کب دونوں سے پوشیدہ تھیں 

وہ نہ اقرار ہی کرتی تھیں نہ تکرار کبھی
جتنی وہ سیدھی تھیں ، کچھ اتنی ہی پیچیدہ تھیں 

کام جو ہونا تھا وہ دن کے اجالے میں ہوا
ہم پشیماں تھے نہ تم ہی ذرا رنجیدہ تھیں 

اور پھر جسم سے ہم روح تلک پہنچے تھے
مرحلے عشق کے تھے، خواہشیں شوریدہ تھیں 

آخری بار کا ملنا بھی عجب ملنا تھا
ہم پریشاں ، وہ کسی سوچ میں غلطیدہ تھیں 

بس ترے بعد ترے غم سے محبت رکھی
سینکڑوں خوشیاں اگرچہ مِری گرویدہ تھیں 

جانے کس یاد کے جادو کی گھڑی تھی حیدر
دلِ طرّار کی سب شوخیاں سنجیدہ تھیں 

٭٭٭ 


ہمارا سلسلہ بغداد سے، عرب سے ہے 
اور اُس کا سلسلہ چنگیز کے نسب سے ہے
زمیں کے جھوٹے خداؤں سے کچھ نہیں لینا
مِرا معاملہ اب صرف اپنے رب سے ہے
سدا رہا ہے جو درباریوں کے نرغے میں 
اُسی کا پالا پڑا ایک بے ادب سے ہے
ملا ہے ربط انوکھا گناہ سے اِس کا
دعائے دل کا تعلق بھی نیم شب سے ہے
یہ کاروبارِ محبت تو فائدہ دے گا
اُسے رسد سے غرض اور مجھے طلب سے ہے
امنڈ رہا ہے سمندر جو پیاس کا اتنا
کچھ اِس کا رشتہ کسی عارض اور لب سے ہے
ہماری بے خبری بھی بجا سہی حیدر
پر اُس کی برہمی بھی تو کسی سبب سے ہے

٭٭٭ 

روشنی کا استعارہ کر لیا
دل نے ہر آنسو ستارا کر لیا

بے وفا دنیا سے کچھ تو نبھ گئی
ساتھ کیا تھا بس گزارا کر لیا

گلستاں اُس نے کیا تھا آگ کو 
ہم نے شبنم کو شرارہ کر لیا

کم نہیں ہم بھی ثمود و عاد سے 
کیوں لحاظ آخر ہمارا کر لیا

تیری وحدت سے سمجھ پائے تجھے
اور کثرت میں نظارہ کر لیا

کون ہے پھر اب مِرے دُکھ کا سبب 
خواہشوں سے تو کنارا کر لیا

آج حیدر موڈ ہی کچھ اور تھا
سو غزل میں استخارہ کر لیا

٭٭٭


’’دعائے دل‘‘ کی غزلیں ، تشکُّر مصنف
اردو تحریر میں تبدیلی اور تدوین: اعجاز عبید