﻿



حرفِ دعا





ظفر خان

جمع و ترتیب: اعجاز عبید







پاکستان

میں ایسا خواب ہوں 
جو دیکھنے والوں کی آنکھوں میں پلٹ آئے 
تو وہ آنکھیں کبھی پھر سو نہیں سکتیں 
میں ایسا اسم ہوں 
جس کی صحیح تفہیم کے قابل
یہ ساری زخم خوردہ، 
کہنگی کی تیرگی میں کب سے پابندِ سلاسل، 
تلملاتی، تلخ تر ذہنیتیں بھی ہو نہیں سکتیں
خدایا، 
اب وہ آنکھیں خاک میں کھوئی گئی ہیں 
جن پہ تو نے میرے سب اسرار کا در وا کیا تھا
جن کی خاطر صبح صادق
 آفتابی تمکنت سے 
وقت کی مسند پہ ایسے جلوہ گر تھی
جیسے اس لمحے میں پوشیدہ ابد پر دسترس ہو
وہ کیسے لوگ تھے 
جو ہاتھ میں اپنے بریدہ سر اُٹھائے 
اپنے پیاروں کے لہو سے 
روح پر یادوں کے گل بوٹے سجائے 
اپنے اپنے استخواں کے بل پہ کیونکر میرے اس مسکن تلک پہنچے 
مجھے معلوم ہے سب
یہ نظّارہ سدا میرے اجالے کے کسی موہوم گوشے میں 
ہزاروں خونبار آنکھوں سے اب تک منتظر ہے
یہ کن کھوئے ہوؤں کا منتظر ہے؟
٭٭٭



بے خانماں 


 آ گئے 
جن کو ٹھٹھرتی ہوئی دھوپ
شہر بے خواب کے کچرے سے اُٹھا لائی ہے 
ہر کوئی اپنی کسی ساعتِ خوش میں ملبوس
جس کے بخیوں میں بہت تلخی ایام کی جوئیں ہی سہی
راہیوں کی نگہِ بد سے جو سوراخوں سے بھر جاتی ہے 
اور زمستانی ہوا کرتی ہے 
چند ہی لمحوں میں پھر جسم کی حدت کا حساب
ایک فٹ پاتھ پہ دھبوں کی طرح یہ سارے 
جنہیں انسان سمجھتے ہوئے ڈر لگتا ہے 
(گر یہ انساں ہیں تو پھر
ہم کیا ہیں) 
کبھی جاتے ہوئے راہی سے بھی کرتے ہیں سوال
چند سکوں کے لئے اُس کو بناتے ہیں خُدا
وہ مگر پاس سے چُپ چاپ گُزر جاتا ہے 
سانس روکے ہوئے اس اپنی خُدائی سے پرے 
شام آتے ہی اندھیروں کی طرح
شہر آلام کے ہر گوشۂ نم ناک کو لوٹ آئیں گے 
شب کے پیراہن صد چاک پہ کچھ خاک کے پیوند لگا جائیں گے 
٭٭٭



اندمال


سلسلے خیموں کے پھیلے دور تک
جن پہ قندیلوں کے پرچم موجزن
اور قدموں میں بچھا ہو فرشِ آب
جس پہ صبح و شام اک بجھتے ستارے کی شعاعیں مرتعش
سطح پر جس کی ہوا کی اپسرا محوِ خرام
اور کہیں 
اس نیلگوں منظر کی تہہ میں روز و شب
مستقل رہتی ہو کوئی کشمکش
جس کے مرکز سے ابھرتے ہوں سبک پرواز طائر چار سو
اپنی منقاروں میں رکھے خوشہ ہائے آتشیں 
اور لگ جائے اچانک اس حسیں منظر کو آگ
 آگ ایسی جس کے شعلے قدِ آدم سے بلند
 آگ ایسی گھیر لے جو دم زدن میں عالمِ فکرو خیال
اس سے پہلے راکھ ہو جائے یہاں پر جل کے سب
فرشِ آبی کی تراوت آئے تیرے ہاتھ میں 
جس کو تو بیمار کے ماتھے پہ رکھے دیر تک
٭٭٭




ایک نظم



سکوتِ شب میں مرا آذرِ نظر ہر دم
تراشتا ہے ستاروں سے آشنا چہرے 
اُبھارتا ہے مہ نیلگوں پہ شہرِ نگار
کہ جیسے بچہ ہو مصروف کوئی ساحل پر
جو بھیگی ریت پہ کچھ کاخ و کو بناتا ہو
اور انگلیوں سے اُلجھتی ہوئی لکیروں میں 
سمندروں سے نئی آب جو بناتا ہو
وہ جانتا ہے کہ اک موج انتظار میں ہے 
پھر اس کے بعد طلسمِ خیال باقی ہے 
نہ کوئی نقش نہ رنگِ کمال باقی ہے 

مگر یہ دیکھ کر وہ خود ہی مسکراتا ہے 
کہ اُس کے ہاتھ سے کھینچی ہوئی لکیروں میں 
سمندروں سے رہِ اتصال باقی ہے 
٭٭٭



ساحل کی شام



جہاں تاریکیاں ساحل پہ اتری ہیں 
وہاں دیکھو تو سب لہریں ہوں جیسے 
سر بریدہ، ان گنت، حبشی غلاموں کا وہ لشکر
مضمحل سیال بازو مستقل جن کے 
دما دم ایک ہی لے میں اُبھرتے ڈوبتے ہوں 
جن کی زنجیروں کا آہن
چاندنی میں ہر طرف ایسے چمکتا ہو
کہ ہو گا منکشف عالم پہ بس اک بار یہ منظر
رہا جس کی اسیری سے یہ جسم و جاں نہ ہوں شاید
جہاں تاریکیاں ساحل پہ اتری ہیں 
ہوا چلتی ہے اور آوارہ پتوں کو اُڑا کرساتھ لے جاتی ہے اس وارفتگی سے 
دل کو جس پہ رشک آتا ہے
اچانک ساحلوں کو لوٹتی سب کشتیاں یکسر
اُڑاتی ہیں پرندوں کو
کسی کے اجنبی چہرے کو
کر جاتی ہیں گیلا آبِ نمکیں سے کہ جس سے 
شامِ مہجوری کی تلخی جا نہیں سکتی
٭٭٭


مسخرہ

تمہارے اک گال پر طمانچہ جو کوئی مارے 
تو پیش کر دو اسے سہولت سے 
دوسرا گال بھی تم اپنا
ہے یاد کس نے کہا تھا تم کو
تمہارے حصے کے سب طمانچے 
میں ایک مدت سے اپنے چہرے پہ جھیلتا ہوں 
نہ جانے کب تک
ہے اب یہ حالت
کہ ایسی ذلت کی کوئی قیمت بھی تم لگاؤ
یہ سارا مجمع جو مجھ پہ ٹھٹ ہے لگا رہا تھا
یہاں سے چھٹتا ہے رفتہ رفتہ
٭٭٭



پاکستان کے لئے ایک نظم



مرا تجھ سے تعلق کچھ نہیں ہے 
مرا تجھ سے تعلق کچھ نہیں ہے 
تری آغوش میں پیدا ہوا تھا
تری گلیوں کی پہروں خاک پھانکی
تری دوپہر کے آنگن میں ہر روز
درختوں پر چڑھا باغوں میں کودا
یہی اک ریزۂ نانِ جویں تھا
جو مجھ کو تجھ سے اتنی دور لایا
کہیں پر آج تک اٹکا ہوا ہے 
تیرے شہروں پہ دیکھا سایۂ مرگ
تیرے کھلیان جلتے چھوڑ آیا
مگر دل میں خلش کوئی نہیں ہے 
میرا تجھ سے تعلق کچھ نہیں ہے 
فقط اتنا ہے یاں خبروں میں جب بھی
جو روزانہ سُنوں میں نام تیرا
تو اک بچہ کہیں روتا ہے مجھ میں 
خدایا خیر ہو اہلِ وطن کی
اُٹھا کر ننھے ننھے ہاتھ اپنے 
دُعا کے واسطے وہ سر جھُکائے 
تو سینے سے لگا لیتا ہوں اُس کو
بہانے سے منا لیتا ہوں اُس کو
مجھے اس بات کا پختہ یقیں ہے 
میرا تجھ سے تعلق کچھ نہیں ہے 
٭٭٭


ایک بے قاعدہ نظم

میرے دالان میں اک مجمعِ احباب ہے ہر شب
جہاں ہر دم صدائے میرو غالب چار سو کانوں میں پڑتی ہے 
نظیری، عرفیو بیدل سے جن کو داد ملتی ہے
جو ہر دل میں اُترتی ہے 
رگ و پے کے گلی کوچوں میں ہر سو پھیل جاتی ہے 
یہ سب نظروں سے اوجھل ہیں 
مگر آواز سنتا ہوں 
یہ سارے رنگِ محفل ہیں 
میں اک خاموش سایہ ہوں 
یہ مجمع منتشر ہوتا ہے اور یک دم
کہیں سے تند آوازوں کے یہ مور و ملخ جو اپنی اپنی بانبیوں سے یوں نکلتے ہیں 
کہ سب برسات کے ہی منتظر تھے 
اپنے بے مایہ وجودوں سے زمین و آسماں کو پاٹ دیتے ہیں 
یہ آوازیں علی الاعلان کہتی ہیں 
کہ ہم بھی سب کے سب اُن آتشیں انفاس کے بکھرے شرارے ہیں 
ملے جن سے تمہارے طائرانِ حرف و معنی کو نئے یہ بال و پر ایسے 
ہوئی پرواز پھر ممکن
ہماری آب و گِل میں مستتر ایسے اشارے ہیں 
تمہارے خوابِ وحشت کی نئی تعبیر ہے ممکن
ان آوازوں کے توشے میں ہے ایسا آئینہ خانہ
چمک اُٹھے ہیں جس میں سب کے سب طبقاتِ ارضی بھی
مقاماتِ سماوی بھی
یہ تم پر منحصر ہے اب
انہیں مور و ملخ سمجھو
یا اسلاف گزشتہ کی نشانی ہی
٭٭٭




ایک بچگانہ نظم



سب سے پہلے پیڑ کٹے گا
اس کی ایک اک شاخ گرے گی
اس کے سارے پات بچھیں گے 
میری شاموں کی سُرخی میں 
میری صبحوں کی یادوں میں 
میری خواہش کی راہوں میں 
میرے لفظوں کے قدموں میں 
 آخر میں اک نظم لکھوں گا
 آخر میں نظمیں لکھوں گا
سب پیڑوں پر سب شاخوں پر
سب صبحوں پر سب شاموں پر
اور پھر اک دن سوچوں گا میں 
ان نظموں سے کیا پایا ہے 
ان سانسوں کی سنگت کیا ہے 
ان حرفوں نے کیا کھویا ہے 
اس کاغذ کی قیمت کیا ہے 
٭٭٭



محبت کی ایک چھوٹی سی نظم


کئی چمچے ابھی کفگیر کرنے ہیں 
یہ چاول بھی گلانے ہیں 
اور آٹا گوندھ کر سارے پراٹھے صبح دم تعمیر کرنے ہیں 
وہ انڈے پھینٹ کر سب آملیٹوں میں ابھی زنجیر کرنے ہیں 
انہیں چکھنا ہے 
چکھ کر
ایک لقمہ بھر
میں نقلی دانت سے آراستہ منہ سے چباؤں گا
چبا کر پیٹ کے تندور کا ایندھن بناؤں گا
 مجھے کھانا پکانا ہے 
اور اس چولہے پہ جلتی ہانڈیوں میں عمر بھر چمچہ گھُمانا ہے 
بہت ہی دور رستے میں کہیں پیڑوں پہ وہ شلجم بھی اُگتے ہیں 
جنہیں تم گونگلو کہہ کر
بہت تذلیل کرتی ہو
بس ان کو کاٹ کر سالن بنا کر
 آج ہی سب کو کھلانا ہے 
کہیں اُڑتی ہوئی وہ ساری چڑیاں بھی پکڑنی ہیں 
پکڑ کر گوجرانوالے کا مشہورِ زماں 
چڑیا پلاؤ بھی پکانا ہے
جو تم کھاؤ
تو جیسے کھیت ایک دھنئیے کا سارا لہلہا اُٹھے 
تو جیسے بینگنوں پر اک گلابی رنگ آ جائے 
نوٹ۔ یہ نظم ایسی بہت سی نظموں کی بحر اور سٹائل میں لکھی گئی ہے جو مجھے بے حد پسند ہیں
٭٭٭

حرفِ دُعا


میں سنگریزہ ہوں راہگزر کا
میں خاک بر سر
جمود میں اپنے مست دائم
کبھی جو شکوہ ہوا مجھے اپنے دن سے 
راتوں نے دور کی میری ہر شکایت
مرے خدایا
کہ عرش تیرا ابد کی لہروں پہ تیرتا ہے 
ازل میں تو نے ہی میری مٹی کو پانیوں سے جدا کیا تھا
ابد تلک میں ترا ہی بندہ
میں تیری تقدیر کا نوالہ بنا ہوا ہوں 
نجات دے دے
جہاں وہ سب کھیت تھے وہیں پر
قلانچیں بھرتے تھے ننھے پاؤں 
وہیں پہ جوڑی کھڑی تھی بیلوں کی
اب نہیں ہے
کہیں یہ سیلاب
میری مٹی کو پانیوں میں نہ گھول جائے 
زمانے بھر پہ کہیں یہ لمحہ مری حقیقت نہ کھول جائے 
٭٭٭



قدرِ خود بشناس


میں بھی ہوں 
تم بھی ہو
اُس لمحۂ حیرت میں کہیں 
ایک نظارہ جہاں اپنا تماشائی ہو
ایک احساس کسی چشمِ نگوں سار میں پھر جاگا ہو
میں بھی ہوں 
تم بھی ہو
اک پل کو درخشندہ یہاں 
ایک جھرنے کے کنارے گُلِ خود رو جیسے 
سر نہوڑائے کھڑا ہو
جو یہاں اپنے بکھرتے ہوئے رنگوں سے فسردہ خاطر
عمر جس کی ہو بس اک کوچۂ بُن بَست کہ جس سے کوئی
نہ کسی روپ کا رستہ نکلے 
اور نہ مہکار کا دو راہا ملے
خود شناسی کے کسی لمحے میں اتنا ہو فقط
کبھی سورج جو سوا نیزے پہ آ جائے 
کسی زاویے میں 
 آبِ آئینہ میں اتراتے کسی عکس میں 
مُسکائے وہ رعنائی
جسے دیکھ کے اپنا سمجھے 
٭٭٭


اس جیو پر بازیاں آن پڑیاں 

مجھے ایسا لگتا ہے 
سیال سیسے کی صورت یہ الفاظ
میری رگوں میں اُترنے لگے ہیں
نہ دی مالکوں نے پگار اُس کو جب چار ماہ تک
اور اک روز وہ کام سے 
گھر کو لوٹا
گھر آ کر کہا اپنی چھوٹی بہن سے 
کہ کھانا لگا دے 
ذرا دیر جب ہو گئی اُس کو کھانا بناتے 
تو ناراضگی میں خود اپنی ہی معصوم چھوٹی بہن کو
گلا کاٹ کر بے دھڑک مار ڈالا
یقیں ہی نہیں ہے 
مجھے اس خبر پر
کسی طرح اب تک یقیں ہی نہیں ہے
یہاں اپنی بہنوں کو اور بیٹیوں کو
بہت زندہ درگور کرنے کے لمحات آتے ہیں گرچہ
یہ ممکن ہے اُس بھائی نے 
اپنی چھوٹی بہن کے لئے 
ایسا انجام ہی سوچ رکھا ہو بہتر
نہیں جانتا میں 
نہیں جانتے ہم
کہ اس کی گزشتہ کمائی کے بدلے 
تقاضے کئے اُس کے مالک نے کیا کیا
اور اس کشمکش میں 
وہیں فیصلہ ہو گیا پھر ہمارا تمہارا
نوٹ۔ اس نظم کا عنوان شاہ حُسین کی ایک لازوال کافی سے لیا گیا ہے
٭٭٭




میں اور تم



موسموں کے بدلنے کا لمحہ ہوں میں 
اور جاتی ہوئی رُت کے اک بار پھرسے پلٹنے کا دراصل باعث ہو تم
میں نے چکھا ہے 
اس بار اُس خُشک مٹی کی جلتی ہوئی تشنگی کو ذرا
اور اُسی خاک کی آخری سانس میں 
میری بوندوں نے اپنی نمی گھول دی
جاں کنی بڑھ گئی
جس کے اعجاز کی یہ زمیں منتظر
زندگی کے سبک کھردرے ہاتھ کی وہ برودت ہو تم
اور گزرتے ہوئے موسموں کے ادھر دیکھ لینے کی ساعت ہو تم
موسموں کے بدلنے کا احساس میں 
موسموں کے بدلنے پہ مٹی سے اٹھتی ہوئی باس میں 
کیا یہ ممکن نہیں 
خشک مٹی کو نم ناک کر جاؤں میں 
اس کا بچھڑا ہوا ایک موسم کسی طور لے آؤ تم؟
٭٭٭


ایک بچے کی موت پر

ایک امکاں تھا جو باقی نہ رہا
ایک سایہ درو دیوار کے پہلو سے ہوا ہے غائب
اور اک خواب
کسی ماں کی نگاہوں سے جدا ہوتے ہوئے 
یونہی ایک پیڑ کے گرتے ہوئے پتے کو اُچکنے کے لئے بھاگا تھا
اب بھی دھندلائے ہوئے عکس کی صورت ہے 
شب و روز کے آئینے میں
پھر سے بھر جائے گی احساس کی اجڑی ہوئی کوکھ
ابر تھم جائے گا لیکن یہ درختوں سے اُترتی بارش
اور کچھ دیر ہواؤں سے کہانی سن کر
درو دیوار پہ آ جائے گی پُرسا دینے
٭٭٭


گھر


جانے کس چولہے کا ایندھن بن گئے گھر کے کواڑ
ڈھل گئے کب سایۂ بے خواب میں اس کے مکیں 
راہگیروں کو ڈراتے ہیں یہ دیواروں کے خم
اب پرندے ایک مدت سے ادھر آتے نہیں 
گھاس نے ڈھانپا ہے ایسے سارا آنگن سر بسر
موسم گُل نے اُلٹ دی جیسے اپنی آستیں 
گھر کے کچے فرش پر اب تک ہے وہ مدھم لکیر
کھیل میں اک روز جو بچوں نے کھینچی تھی یہیں 
کھڑکیوں میں آج بھی ہے ایک سائے کی جھلک
اب بھی آتی ہے کہیں سے ایک خوشبو کی لپک
یاد ہے اُن کانپتے ہاتھوں کی نرمی آج تک
بھول کر ہر کام ان ہم جولیوں سے میل میں 
محو ہو جاتا ہے اک بچہ پھر اپنے کھیل میں 
٭٭٭




شاعر کون ہے


پارۂ ابر کوئ
ربط ہو
جس کا سمندر سے بس اتنا ہی
کہ جیسے ہو پرندہ کوئی
اپنی منقار میں لے جائے جو پانی بھر کر
اور بن جائے اُسی قلزمِ احساس کا تنہا ہم راز
ساتھ لے جائے ہوا
اور وہ پانی یکسر
ایسی سُنسان زمینوں پہ برس جائے جنہیں کوئی سمندر سے علاقہ ہی نہ ہو
 آگہی جن کی اُسی خاک تلک
جو ہر احساس کی آزردہ جبیں پر پڑ جائے 
اور وہ بارش ہو فقط خارو خس و بوم کے بڑھنے کا سبب
٭٭٭




عزم بہزاد مرحوم و مغفور کی یاد میں 



حریمِ شب میں کوئ آذرِ نظر ہر دم
تراشتا تھا ستاروں سے آشنا چہرے 
اُبھارتا تھا مہ نیلگوں پہ شہرِ نگار
کہ جیسے بچہ ہو مصروف کوئی ساحل پر
جو بھیگی ریت پہ کچھ کاخ و کو بناتا ہو
اور انگلیوں سے اُلجھتی ہوئی لکیروں میں 
سمندروں سے نئی آب جو بناتا ہو
وہ جانتا تھا کہ اک موج انتظار میں ہے 
پھر اس کے بعد طلسمِ خیال باقی ہے 
نہ کوئی نقش نہ رنگِ کمال باقی ہے 
مگر یہ دیکھ کر وہ خود ہی مسکراتا تھا
کہ اُس کے ہاتھ سے کھینچی ہوئی لکیروں میں 
سمندروں سے رہِ اتصال باقی ہے 
٭٭٭


ایک نظم


یہ شاعر کا بچہ 
سمجھتا ہے کیا 
اس کی بکواس غزلیں
یونہی اہلِ فارس کی ان سرُخ مرچوں کی دھونی میں 
اُلٹی لٹکتی رہیں گی، تڑپتی رہیں گی
یہ شاعر کا بچہ!
ابے کون ہے تو
تیرے باپ دادا 
جو دربارِ غزنی میں 
دُھنیئے تھے شاید
وہاں قصرِ سلطاں کی 
ایک اک منقش رضائی میں بھرتے تھے روئی
تجھے کیا علاقہ ہے فردوسی و سعد سلماں سے
جن کی کتابوں کے اوراق سب کرم خوردہ
چراغوں پہ ان کے ہیں صدیوں کے جالے
تجھے شاعری سے کوئی دور کا بھی علاقہ نہیں ہے
٭٭٭

ندائے آغاز

سہراب سپھری کی نظم ندائے آغاز کا اردو ترجمہ

کفش ہاھیم کو؟
کوئی دیتا ہے صدا ۔۔ اے سہراب
ایسے واقف ہوں اس آواز سے میں،جیسے ہوا پتوں سے
والدہ میری ابھی سوتی ہے
اور منو چہر بھی، پروانہ بھی، اس شہر کے سب لوگوں کی مانند یہاں
جون کی رات کسی درد بھرے گیت کی مانند گزرتی ہے ہر اک ساعت سے
پھر ہوائے خنک اس خواب کی چادر کو ہٹا دیتی ہے
اور یہ ہجر کی خوشبو ہر سمت
مرے سرہانے پرندوں کے پروں کی آواز
یوں سحر ہوتی ہے
اس پیالے میں تو اب 
آسماں مائلِ ہجرت نظر آتا ہے مجھے
اب مجھے جانا ہے
باز رہتا تھا دریچہ میرا
اور ہر شخص سے صحبت تھی یہاں
پر سخن مجھ سے کسی نے بھی مناسب نہ کیا
نہ کوئی عشق بھری آنکھ ملی
جس کو زمیں خیرہ کرے
نہ ملا کوئی 
جواس باغ کے نظارے سے مجذوب ہوا
اور نہ تھا کوئی جو
آبائی زمیں پر کسی کوے کی صدا سُنتا ہو
بھر گیا حُزن سے میں
جب یہ دیکھا کہ وہ ہمسائے کی بالغ بیٹی 
ایک کمیاب تریں پیڑ کے سائے میں
فقہ پڑھتی ہے
ایسی پر لطف گھڑی بھی گزری
میں نے اک شاعرہ ایسی دیکھی
جب بھی ہوتی تھی یہاں محوِ تماشا
آسماں تخم کی مانند
اُن آنکھوں میں اُتر جاتا تھا
پھر انہیں راتوں میں
ایک رات ایسی بھی آئی کہ کسی نے پوچھا
اور انگور کے خوشوں کے طلوع ہونے میں
وقت کتنا ہے ابھی؟
اب مجھے جانا ہے
بس یہ کوشش ہے کہ تنہائی کی پوشاک مری
اسی سامان میں بندھ جائے تو بہتر ہو بہت
اور اُسی سمت نکلنا ہے جہاں
رزمیہ گیت سُناتے ہوں شجر
ایک بے لفظ بیابان کی وسعت نے بُلایا ہے مجھے
پھر کسی شخص نے آ کر یہ صدا دی‘ سُہراب’
مرے جوتے ہیں کہاں؟
٭٭٭

 ماخذ:
http://www.facebook.com/profile.php?id=1097739808
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

