﻿


رب کی آنکھ سے






اسد علی








بسم اللہ الرحمن الرحیم

آغاز رب کے نام سے۔۔۔۔۔۔

 	اس لئے نہیں کہ وہ خالقِ کائنات ہے۔ وہ کن فیکون کہتا ہے تو ایک ایسی پیچیدہ اور مکمل کائنات وجود میں آ جاتی ہے جس میں ایک مچھر جیسی شئے بھی عبث نہیں بنائی گئی۔ وہ کائنات جس میں دنیا کے اوپر دنیائیں ہیں کچھ ایسے کہ ایک دنیا کی جمادات دوسری دنیا کے حیوانات ہیں اور وہ دونوں دنیائیں ایک تیسری دنیا کے پانی کے چھوٹے سے قطرے میں تیرتی ہیں۔
	اس لئے نہیں کہ وہ مالکِ کائنات ہے اور ہر دنیا کا رزق اس کے آسمان پر کچھ ایسے اہتمام سے اتارتا ہے کہ جسے ہر مخلوق اپنی طلب کے مطابق دسترس میں پاتی ہے۔ اور مخلوقات تو ایسی بھی ہیں جو مہینوں کی خوراک ایک دن میں ہی اپنے شکم میں اتار لیتی ہیں، ایسی بھی جو تین وقت کھاتی ہیں اور ایسی بھی جنہیں ہر لمحہ غذا چاہیے ہوتی ہے۔
	اس لئے نہیں کہ وہ میدانِ حشر سجائے گا۔ جب بڑی بڑی کہکشائیں جن کے جلو میں لاکھوں سورج چمکتے ہیں بجھا دی جائیں گی۔ جب پیاس کی چھوٹی سی بوند دنیا بھر کے سمندروں کا پانی نگل جائے گی۔ جب دیو قامت پہاڑ روئی کے گالوں کی طرح اڑے پھریں گے۔ ایک ایسا دن جب کائنات کی ہر مخلوق اپنی لی گئی ہر سانس کا حساب دینے کو کھڑی ہو گی۔
	آغاز رب کے نام سے اس لئے ہے کہ وہ رحمان و رحیم ہے۔ اور یہ آغاز میرے رب کا چیلنج ہے اپنی ساری مخلوق، سارے جہانوں کے طاغوت کے لئے کہ اگر تم میں طاقت ہے تو میری اس کائنات کی حدوں سے باہر نکل جاؤجس کا خمیر محبت میں گندھا ہے۔ تم سرکشی کے بھڑکتے الاؤ لے آؤ، تم نافرمانیوں سے کائنات کی رگ رگ میں آگ بھر دو، تم نا شکر گزاری سے مایوسی کے سورج جلا لو، تم گناہوں کے تیزاب بھرے سمندروں میں کود جاؤ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پر اس کی رحمت کی ایک بوند پڑے گی اور ٹھنڈے چشمے پھوٹ پڑیں گے، روئیدگی چٹانوں کو کھا جائے گی، دھنک رنگ اور خوش آواز پرندے تیری بستی کی گلیوں میں اڑتے پھریں گے۔
	یہ آغاز میرے رب کی سرگوشی ہے کہ اے ناداں مخلوق یہ زندگی کا چلتا دریا پاک ہے۔ میں نے ایسی کوئی آلائش بنائی ہی نہیں جو اس بہاؤ میں تجھ سے لپٹی رہ سکے۔ شیطان کی مہلت تو بس اتنی ہے کہ وہ کنارے پہ کھڑا تجھے پکارتا ہے اور تھام لینے کو ہاتھ بڑھاتا ہے اور ہمدردانہ لہجے میں کہتا ہے کہ ’’ تم نے خود پر ظلم کیا۔ تم اب اس پاکیزہ دریا میں رہنے کے قابل نہیں رہے۔ میرا ہاتھ تھام لو اور میں تمہیں ایک ایسے نگر لے چلوں جہاں سب افسوس کرنے والے بیٹھے ہیں اور آہ و بکا کرتے ہیں۔
	اور یہ آغاز میرے رب کا فیصلہ ہے کہ وہ ہر صبح من وسلوی کی طرح اس بیابانِ زندگی میں رحم و محبت کے پرندے اتارے گا اور ہر روح اپنی دن بھی کی ضرورت پوری کر پائے گی۔ شیطان کی سلطنت تو بس دال اور اچار جیسی حقیر چیزوں کا خواب ہے جن سے وہ ہماری کھلی آنکھوں کو ڈھانپنے جیسا ناممکن کام کرنے چلا ہے۔
٭٭٭
				
رب کی آنکھ سے دنیا دیکھو

	رب کی آنکھ سے دیکھیں تو انسان اس کی بہترین تخلیق ہے۔ رب کی آنکھ سے دیکھیں تو دنیا ایسی مکمل تربیت گاہ ہے جس کی ایک مچھر جیسی حقیر شئے بھی عبث نہیں بنائی گئی۔ رب کی آنکھ سے دیکھیں تو کائنات کی ہر شئے انسان پر اپنی محبت لٹانے کو مری جا رہی ہے۔
	انسان جو پیاسا ہو تو ہزاروں میل دور سمندر ہواؤں کے ہاتھ اتنا پانی بھیج دے کہ سب جل تھل ہو جائے۔ انسان اس نعمت کو سنبھالنے سے عاجز ہو تو زمین اس پانی کو کسی مہرباں ماں کی طرح (بیٹی کے لئے سینچ سینچ کر جہیز جمع کرتی ماں کی طرح) اپنی آغوش میں چھپا لے کہ انسان جب چاہے اپنی پیاس بجھا لے۔
	اور انسان جو بھوکا ہو تو ہزاروں میل دور سے زمین چیرتے ہوئے مچھلیوں سے اٹے دریا اس کی بستیوں تک پہنچ جائیں اور اجنبی دیسوں سے پرندے غول در غول اڑ کر اس دریا پر ڈیرا ڈال دیں۔
	رب کی آنکھ سے دیکھیں تو دنیا گھی اور شکر میں گندھی وہ روٹی ہے جسے چھوڑ کر یہ لاڈلا کھیل میں مگن ہے۔
	اور شیطان کی آنکھ سے دیکھو تو تخلیق انساں سے تکلیف دہ کوئی واقعہ نہیں۔ شیطان کی آنکھ سے دیکھو تو ہر شئے شکر گزاری کے سمندر میں تیرتی تھی یہاں تک کہ بارگاہِ ایزدی سے ایسی نا شکر گزار مخلوق کی تخلیق ہوئی جو جنت پر بھی رضامند نہ ہوئی۔
	شیطان کی آنکھ سے دیکھو تو دنیا ایک مہلت ہے کہ کیسے وہ اس پتلا خاکی کو۔۔۔۔۔ جس کی رگ رگ میں نور کوٹ کر بھرا ہے، وحشتِ ظلمت سے آشنا کر دے۔
	شیطان کی آنکھ سے دیکھو تو کتنا مشکل ہے اس دنیا میں نفرت بھرنا جس کا تار تار محبت سے بنا ہے۔ کیسے مایوس کر پائے گا وہ اس انسان کو جو ستر سال کی گناہوں میں لتھڑی زندگی کے بعد بھی اگر پلٹنا چاہے تو رب کے دروازے کھلے پاتا ہے؟ کیسے بھوک سے ڈرائے گا وہ اس خوش قسمت مخلوق کو جس کے رزق کا ذمہ خود ربِ باری تعالی نے لیا ہے؟ کیسے بھٹکائے گا اس لاڈلے کو جس کی روح سچ سے کم کسی شئے پر مطمئن نہیں ہوتی۔
	شیطان کی آنکھ سے دیکھو تو دنیا کرب ہے، دکھ ہے، مایوسی ہے، دھوکہ ہے، اذیت کدہ ہے، کبھی نہ ختم ہونے والی رات ہے۔۔۔۔۔۔۔۔پر وہ کیا کرے کہ یہی اس کی دنیا ہے۔
	اور ہم۔۔۔۔۔۔ہم جنہیں رب نے دونوں آنکھیں عطا کر دیں اور مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا تمہاری ہے چاہو تو اسے میری آنکھ سے دیکھو اور چاہو تو شیطان کی آنکھ سے۔
٭٭٭


یاحسرۃ  علی العباد۔۔۔یا حسرۃ علی العباد

	میں رب کی عبادت اس لئے نہیں کرتا کہ میں اس کے خوف میں ڈوبا ہوں یا پھر اس کی محبت میں غلطاں ہوں۔ ایسا ہوتا تو دجال کو سجدہ جائز ہو جاتا۔ ایسا ہوتا تو لیلیٰ مجنوں کے لئے معبود قرار پاتی۔
	میں رب کی عبادت اس لئے نہیں کرتا کہ وہ عذاب دینے پر قادر ہے یا پھر جنت سا انعام اس کی مٹھیوں سے جھلکتا ہے۔ ایسا ہوتا تو جلتے الاؤ میں بیوی بچوں سمیت زندہ پھینک دیے جانے والے موحدین کو کلمہ شرک کی اجازت مل جاتی۔ ایسا ہوتا تو شیطان کی دلفریب دنیا کوئی ایسا کمتر سودا نہ ہوتی۔
	میں رب کی عبادت اس لئے نہیں کرتا کہ اس نے مجھے تخلیق کیا ہے۔کہ اس نے میرے رزق کا ذمہ لے کر مجھے پروان چڑھایا ہے۔ ایسا ہوتا تو ابراہیم کے لئے آذر کو انکار آسان نہیں ہوتا۔ ایسا ہوتا تو مغرب کے آسائشوں میں بھیگے لوگ کبھی بھوکوں کے خدا تک نہ پہنچ پاتے۔
	میں رب کی عبادت صرف اس لئے کرتا ہوں کہ وہ حق ہے اور بس وہی لائقِ عبادت ہے۔ اس نے اس کائنات کا خمیر حق میں گوندھا ہے اور وہ اسے ایک دن حق پر ہی لپیٹ دے گا۔اس کائنات کے دونوں سروں پر آہنی میخوں کی طرح جڑے پہاڑوں کی صورت حق رکھا گیا ہے اور بیچ میں حق کا پرسکوں دریا بہتا ہے۔ اس دریا پر ایک سیاہ، کمزور سے بادل کا افسوں ہے۔ اس بادل کی اوٹ میں چند لمحے کو وہ پہاڑ گویا چھپ گئے ہیں مگر اس بادل میں اتنی طاقت کہاں ہے کہ وہ دریا کا رخ بدلنا تو درکنار ایک لمحے کو ہی سہی پر اسے روک ہی پائے۔
	یہ بادل، یہ افسوں، یہ سحر، یہ دھوکہ۔۔۔۔۔۔شیطان کی سلطنت ایک مٹھی بھر خاک بھی اس سے بڑھ کر نہیں۔ ہمیں حق پر پیدا کیا گیا ہے، ہم حق پر زندہ ہیں اور یہ ساری بساط حق پر لپیٹ دی جائے گی۔ اس سارے کھیل میں شیطاں کے ہاتھ میں کچھ بھی نہیں۔
	ہائے مگر وہ آنکھ جو روشنی کی بارش میں پلکوں کے پیچھے چھپے اندھیروں میں فرار ڈھونڈتی ہے۔
	ہائے مگر وہ دل جو رحمتِ الہی سے بیکراں وجود کو اپنی تشکیک کی چھوٹی سی چادر میں چھپانے کو کوشاں ہے۔
	ہائے مگر وہ روح جو دریا میں تیرتے ہوئے، دریا کو اوڑھتے ہوئے، دریا کا کفر کرنے پر تلی ہے۔
	یا حسرۃ علی العباد۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یا حسرۃ علی العباد
٭٭٭

کارنس پر رکھے گلدان میں ٹھہرا ہوا پانی

	مجھے نہیں پتہ کہ یہ کیسے ہوا۔ میں بہت دیرسے بس سٹاپ پر کھڑا تھا۔وہاں بہت سناٹا تھا۔ایسا ہمیشہ نہیں ہوتا تھا مگر جب کبھی مجھے دفتر میں بہت دیر تک رکنا پڑتا تو یہاں ایسا ہی سناٹا ہوا کرتا تھا۔ یہ عجیب شہر تھا۔۔۔۔۔اتنا پر ہجوم پر چھٹی کے ایک گھنٹے میں خالی ہو جاتا تھا۔ایسے میں بسیں بھی بہت کم ہو جاتیں اور جو آتیں بھی ان میں بڑے مختلف قسم کے لوگ ہوتے۔یہ وہ لوگ نہیں ہوتے تھے جو ہر روز میرے ساتھ سفر کرتے تھے۔یہ تو کوئی اور ہی مخلوق تھی۔چہرے ایسے بے شناخت جیسے سات پشتوں تک کسی نے زندگی نہ جی ہو، آنکھوں کے گر د حلقے اتنے گہرے جیسے کسی نے مصنوعی طور پر بنا رکھے ہوں اور سب بس کی ٹوٹی پھوٹی کرسیوں پر ایسے اکڑ کر بیٹھے ہوتے کہ جیسے یہاں سے کہیں جائیں گے بھی نہیں۔ان میں سے کوئی بھی کہیں نہیں اترتا تھا۔۔۔۔۔ ایسا لگتا تھا جیسے سبھی کو آخری سٹاپ پر اترنے کا شوق ہو۔اگر کوئی پہلے اترتا بھی تو اس دل کے ساتھ جیسے کسی نے اس سے کوئی متاعِ عزیز چھین لی ہو۔
	میں ایسے وقت میں گھر جانا نہیں چاہتا تھا۔ میں کبھی دفتر میں دیر تک رکنا نہیں چاہتا تھا۔۔۔۔۔۔پر کیا کرتا؟ میری بات کون سمجھ سکتا تھا؟میں نے اپنے صاحب کو کہا بھی تو کہنے لگے کہ دیر تک تو کوئی بھی نہیں رکنا چاہتا۔میں انہیں کیسے بتاتا کہ اُن کی بات اور تھی۔ میں انہیں کسے سمجھاتا کہ میں دیر ہونے پر بس میں ایسے بیٹھتا ہوں جیسے اوباشوں کی بس میں کوئی غریب طالبہ۔۔۔۔۔۔ جسے ہر صورت سکول جانا ہے۔باپ کو شکایت اس لئے نہیں کر سکتی کہ وہ بے بس بھلا کیا کر پائے گا۔ہاں اتنا با غیرت ضرور تھا کہ اسے سکول سے ہی اٹھا لیتا۔تو وہ ایک بہتر مستقبل کے خواب کے لیئے یہ قربانی دینے پر تیار تھی۔یہ عزت کی قربانی نہیں تھی۔۔۔۔۔عزت کی حفاظت تو وہ اپنی جان سے بھی بڑھ کر کرتی تھی۔یہ تو اس سکون کی قربانی تھی،اس بے فکر ی کی قربانی تھی جس کے ساتھ وہ جی سکتی تھی اگر اسے اس بس میں سفر نہ کرنا پڑتا۔مگر وہ یہاں تھی اور ہر لمحہ اس کا دل دعائیں مانگتا تھا کہ کسی کے دل میں کوئی شرارت نہ ابھر آئے۔
	تو میں کسی کو بتا نہیں سکتا تھا مگر جب بھی مجھے دیر تک رکنا پڑتا تو میں سمٹا ہوا بس سٹاپ پر کھڑا ہو جاتا اور انتظار کرتا۔بس آتی تو خاموشی سے دروازے کے سب سے قریب بیٹھ جاتا (جیسے موقع ملتے ہی بھاگ لوں گا) اور پھر چلتی بس میں میرے دھڑکتے دل کی آواز کے سوا کوئی آواز نہیں آتی۔میں جتنی دیر تک سٹاپ پر کھڑا رہتا بڑی توجہ سے اپنے اردگرد دیکھتا رہتا۔کہیں کوئی مشتبہ شخص نظر آتا تو فورا ہوشیار ہو جاتا۔ ایسے ہی بس میں داخل ہوتے ہی میں سب سے پہلے بڑی باریک بینی سے پوری بس کا جائزہ لیتا۔کوشش کرتا کہ میرے ساتھ والی نشست پر کوئی بے ضرر سا بوڑھا بیٹھا ہوا ہویا پھر کوئی لاتعلق کلرک۔ بہرحال کوئی بھی ہو مگر وہ خالی نہیں ہونی چاہیے۔رات کے اس پہر خالی نشست سے خوفناک کوئی چیز نہیں ہوتی۔۔۔۔۔۔خالی نشست کا مطلب ہے کہ کوئی بھی آپ کے ساتھ آ کر یہاں بیٹھ سکتا ہے۔ کوئی بھی۔تو میں اس معاملے میں ہمیشہ محتاط رہتا مگر نجانے آج کیا ہوا کہ میں جیسے اسے بالکل ہی بھول گیا۔کہیں راستے میں توجہ ہوئی تو دیکھا کہ اس نشست پر ایک شریر سا خیال میرے ساتھ بیٹھا تھا۔نہیں وہ پہلے کہیں نہیں تھا۔میں نے تو اسے بس سٹاپ پر کہیں دور دور تک نہ دیکھا تھا۔ اور پہلے سے تو وہ ہرگز نہ بیٹھا تھا۔نجانے وہ کہاں سے آورد ہوا۔لیکن غلطی میری ہی تھی کہ میں نے اپنے ساتھ کی نشست بھلا خالی کیوں چھوڑ دی تھی۔
	تو بہرحال اب وہ میرے ساتھ تھا اور مسکرا کر مجھے دیکھ رہا تھا۔جیسے کہہ رہا ہو کہ ’’چلو کچھ ہنگامہ کرتے ہیں ‘‘۔اس کا اندازاکسانے والا تھا۔وہ جیسے میرا تمسخر اڑا رہا تھا کہ میں کس طرح خود کو سمٹا کر، ڈرا ڈرا بیٹھا ہوں۔میں کیسے ایک انسان سے اُس گائے میں ڈھل گیا تھا جو ہر شام کو گھاس چرنے کے بعد اپنے کھونٹے سے بندھنے کے لئے چلی آتی ہے۔۔۔۔۔۔۔وہ جانتی ہے کہ اس کے پاؤں سے بندھی زنجیر اسے رات بھر تنگ کرے گی۔ وہ جانتی ہے کہ زنجیر کی بدولت اس کے پاؤں میں زخم ناسور بنتے جا رہے ہیں۔مگر پھر بھی وہ آئے گی اور گھر کی دہلیز پر کھڑے ہو کر سر ہلائے گی۔گھنٹی کی آواز پر کوئی آئے گا اور اسے کھونٹے سے باندھ دے گا۔ وہ تمام رات اپنی قید کا ماتم کرے گی، اپنے مالک کو کوسے گی مگر اگلی شام پھر سے دروازے سے لگی کھڑی ہو گی۔پھر سے گردن ہلائے گی۔۔۔۔۔کون جانے کہ وہ ایسا کیوں کرتی ہے۔ کیا ماتم کی لذت اُسے یہاں کھینچ لاتی ہے یا پھر وہ بے لذت چارہ جو ابھی کھرلی میں انڈیل دیا جائے گا۔کون جانے؟
	اور میں ہمیشہ سے ایسا تو نہیں تھا۔ایک وقت تھا جب مجھے بستر پر سلانے کے لئے میری ماں کو سوسو جتن کرنے پڑتے اور آج جب مجھے روکنے والا کوئی نہیں تھا تو میں دفتر سے آتے ہی بستر پر گر جاتا۔کھانا بھی بستر پر ہی کھاتا اور پھر وہیں لیٹ جاتا۔کچھ دیر تک تو میرے کانوں میں بھن بھن کرتی آوازیں آتیں جن میں بیوی کسی بچے پر چلا رہی ہوتی یا پھر دو بچے آپس میں لڑ رہے ہوتے اور پھر میں ایک بے رنگ سی نیند میں چلا جاتا۔۔۔۔۔۔۔نیند جس میں کوئی خواب نہیں ہوتے۔نیند جس میں سکون کا شائبہ تلک نہیں ہوتا۔نیند جو بس ایک شکست کی طرح جسم پر آ وارد ہوتی اور صبح (اگر اسے صبح کہا جا سکے)کو کوئی جذبہ مجھے نہیں اٹھاتا تھا بلکہ ایک اکتاہٹ جو بہت دیر تک نیند کے پہلو میں رہنے کی وجہ سے مجھ پر چھا جاتی اور مجھے گھسیٹتی ہوئی دفتر لے جاتی۔
	میں نے یہ زندگی اپنے لیئے خود نہیں چنی تھی۔اور میں اس زندگی کو جینے میں اکیلا بھی نہیں تھا۔مجھ جیسے بہت سے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔۔وہ جو میرے ساتھ بس میں سفر کرتے تھے۔جن کے ہوتے ہوئے میں سفر میں خوفزدہ نہیں ہوتا تھا۔ وہ جو سارا دن میرے ساتھ دفتر میں بھرے رہتے۔مجھ جیسے بہت سے تھے۔مگر یہ تو کوئی جواز نہ ہوا۔ اگر مجھ جیسے بہت سے تھے، اگر ان جیسوں سے دوری پرمیرا سانس گھٹنے لگتا تھا مگر پھر بھی یہ کوئی جواز تو نہ ہو ا ایسے جینے کا۔مگر میں جواز سے بہت آگے نکل چکا تھا یا پھر جواز سے بہت پیچھے رہ گیا تھا۔۔۔۔۔۔۔میں بس کہیں اور تھا اور سار ی منطق، ساری امید، سارے خواب کسی اور جگہ تھے۔وہ جو بچپن میں تتلیوں کی طرح میرے اردگرد اڑتے پھرتے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔باوجود اس کے کہ میں انکے پر نوچ ڈالتا تھا مگر وہ مجھ سے ڈرتے نہیں تھے۔باوجود اس کے کہ میں انہیں اپنی بوتلوں میں بند کر لیتا تھا، کتابوں کے بیچ رکھ ڈالتا تھا مگر وہ پھر بھی میرے تھے۔ اور آج جب میں ان کی قدر کرنا سیکھ گیا ہوں تو وہ مجھ سے بہت دور ہیں۔اتنا دور کہ میں ان کے کھنکتے قہقہے بھی نہیں سن سکتا۔اتنا دور کہ میں ان کی خوشبو کا بھی سزاوار نہیں۔
	میں نے یہ زندگی خود اپنے  لئے نہیں چنی تھی مگر میں خود کو ذمہ دار سمجھ کر جی بھر کر مطعون ضرور کرتا تھا۔میں جب چاہتا اس زندگی سے نکل بھی سکتا تھا مگر کبھی اپنے معمولات سے لمحہ بھر بھی انحراف نہیں کر پاتا تھا۔۔۔۔۔۔پر اس دن مجھے ایک بہت مختلف احساس ہوا۔اس دن بس میں بیٹھے بیٹھے میں نے اپنے ساتھ ایک شرارتی خیال کو بیٹھے دیکھا۔وہ کسی کھلنڈرے بچے کی طرح مجھے اکسا رہا تھا کہ میں چلوں اور اس کے ساتھ دور کھیتوں سے خربوزے توڑ کر لاؤں۔کہ میں خوامخواہ میں کسی گھر کی گھنٹی بجاؤں اور بھاگ لوں۔اس کی ضد لایعنی تھی۔کوئی وجہ نہیں تھی کہ میں اس کی بات سنتا۔ مجھے بس بیس منٹ تک خاموش ہو کر سامنے تکے جانا تھا اور پھر میرا اسٹاپ آ جاتا۔ سب ٹھیک ہو جاتا۔لیکن جب دو نظریں بڑی بے چینی سے آپ پر جمی ہوں تو آپ بہت سادہ سے کام (جیسے خاموشی سے بیٹھ کر اگلی سیٹ کو تکے جانا)بھی نہیں کر پاتے۔ نظریں بڑے بڑے ہیٹرز کی طرح آپ کو پگھلائے جاتی ہیں۔میں بہت دیر تک اس کی نظروں کا سامنا نہیں کر سکا اور اور ایک سٹاپ پر بس رکی تو میں اتر گیا۔ 
٭٭٭

محبت آپ کو کمینہ بنا دیتی ہے

	سنتے آئے ہیں کہ محبت اندھی ہوتی ہے اور یہ اپنے پیروکاروں کی آنکھیں بھی چھین لیتی ہے۔ میں اس سے بالکل بھی اتفاق نہیں کرتا۔ محبت ایک لمحے کے لئے بھی ہمیں اندھا نہیں بناتی ہاں مگر اس کا سایہ ہمیں کمینہ ضرور بنا دیتا ہے اور اس کمینگی کے خمار میں ہم جانتے بوجھتے ہوئے اپنی آنکھیں بند کر لیتے ہیں۔ دیواروں کو ٹٹولتے ہوئے پھرتے ہیں، اجنبیوں کے کاندھوں کے سہارے ڈھونڈتے ہیں، تیز رفتار کاروں کے سامنے سڑک پر اتر کر ان کے چلانے والوں کو امتحان میں ڈالتے ہیں، اندھے ہونے کی ایسی اداکاری کرتے ہیں کہ کبھی کبھار ہم خود بھی دھوکہ کھا جاتے ہیں۔۔۔۔ لیکن ایسا ہے نہیں۔
	ہم میں سے ہر محبت کا دعویدار بڑی اچھی طرح جانتا ہے کہ وہ کیا کر رہا ہے۔ زندگی جیسے ایک پرسکوں جھیل ہے جس کے قریب گھٹنوں میں سر دیے خاموش بیٹھی لڑکی، جس کے کناروں پر پھدکتے معصوم خرگوش، جس  کے بیچ میں آنکھیں موندے راج ہنس، جس کی لہروں پر ناچتی کرنیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سب کچھ اِک حسین توازن میں ہوتا ہے اور پھر محبت نام کا ایک شیطان بچہ کہیں سے آتا ہے اور ایک بڑا پتھر پوری قوت سے جھیل میں پھینک دیتا ہے۔
	راج ہنسوں کی خمار آلودہ آنکھیں ایسے کھل جاتی ہیں جیسے انکے چاروں طرف اندھیرا اتر آیا ہو، خرگوش کناروں پر لوٹتے پوٹتے ہوئے جلدی سے جھاڑیوں میں دبکنے کو دوڑتے ہیں، فضا میں پر پھڑپھڑانے کی صدائیں گونجنے لگتی ہیں، گھٹنوں میں سر دیے روتی لڑکی کا دل دہل جاتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پر وہ شیطان بچہ ہر شئے سے بے نیاز پتھر گرنے سے پانی پر بننے والی لہروں کو دیکھتا ہے۔ لہریں جن کی ہر کروٹ میں سورج کی کرنیں رقص کرتی ہیں اور اسے لگتا ہے کہ اس نے اس جیسا خوبصورت منظر کہیں نہیں دیکھا۔
	تو ہم میں سے ہر محبت کا دعویدار بڑی اچھی طرح جانتا ہے کہ زندگی کے توازن کو بگاڑ کر ہم کس مصیبت کو اس بستی کی راہ دکھلا رہے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔ بلا جو اگر بستی میں گھس آئی تو نجانے کتنے ارمانوں کا خوں، کتنے بچوں کے خواب، کتنی عورتوں کے سروں کو ڈھانپنے والی عافیت لے کر ٹلے گی۔ 
	مگر نہیں ہماری نظر تو صرف خوشی نام کی ایک خرانٹ رقاصہ پر ہوتی ہے جو محبت کی دھن پر دیوانگی کے عالم میں ناچے چلے جاتی ہے۔ اور اس کے رقص سے بہتر انداز میں لطف اندوز ہونے کے لئے ہم گویا اس کے پیچھے کی ساری دنیا کے لئے خود کو اندھا کر لیتے ہیں۔ یہاں تک کہ ہم اس کے تھرکتے قدموں اور لچکتے بدن کے سوا کچھ بھی نہیں دیکھ پاتے۔۔۔۔۔۔۔۔ کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اس رقص کے بیچ ہمارے اجداد کے زمانوں سے سنبھالی قیمتی صراحیاں زمین پر گر کر چور ہو جائیں، کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہمارے طاقوں پر رکھے چراغوں کی لو بڑھ کر کھڑکی پر پڑے پردوں تک پہنچ جائے، کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اس کے قدموں کے تلے ہماری ماں کی چادر ہمارے باپ کی کلاہ ہی آ جائے۔
	محبت ناچتی ہے اور ہم بڑی محویت سے وہ ناچ دیکھتے ہیں اور اس پر یہ ڈھٹائی کہ ہم ان کھلی آنکھوں کے ساتھ یہ ظاہر کرتے ہیں کہ گویا ہم کچھ بھی نہیں دیکھ پا رہے۔
٭٭٭

درز کا زنداں 

	زنداں میں پھنسا قیدی اپنی دیوار میں حادثہ بنی کسی درز کو دیکھ کر بہت خوش ہوتا ہے۔ وہ اب یہاں سے باہر کی دنیا کی ایک جھلک دیکھ سکتا ہے۔ تو ایسے میں وہ اس درز کی موجودگی چھپانے کیلے ہر حیلہ کر گزرتا ہے اور دل ہی دل میں ہنستا ہے۔ میں روح کی گہرائیوں تک آزاد ہوں۔ میں آزاد ہوں کیونکہ باہر کی دنیا سے میرا ایک تعلق باقی ہے۔ میں زندہ ہوں کیونکہ اس سوراخ سے اب بھی تازہ ہوا آتی ہے اور کبھی کبھار کوئی بھولا بسرا بارش کا قطرہ آن گرتا ہے۔ اور وہ پرندے جو کبھی سحر کے بعد یہاں آن بیٹھتے ہیں اور گھنٹوں چہچہاتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔میں کسی کو یہ درز چھیننے نہیں دوں گا۔کوئی میری آزادی کی آخری کرن نہیں لے جا سکتا۔ میری سوچ قید کرنے کے لئے نہیں ہے۔ لیکن وہ قیدی ایک بات نہیں جانتا۔ وہ نہیں جانتا کیونکہ وہ اس بند کمرے سے باہر دیکھ ہی نہیں سکتا۔اسے خبر نہیں کیونکہ زنداں کی موٹی دیواروں نے اس کی سماعتوں کو عاجز کر رکھا ہے۔اسے کون بتائے کہ اس قید خانے کے ہر کمرے میں ایسی درز موجود ہے۔ اس زنداں کا ہر قیدی اتنا آسمان دیکھ سکتا ہے جتنا اسے میسر ہے۔ اور زنداں والوں کو اس راز کو چھپانے کے لئے ذرا بھی محنت نہیں کرنی پڑتی کہ ہر قیدی خود اس اسرار کی حفاظت اپنی جان سے بڑھ کر کرتا ہے۔
	 ایک وقت تھا جب زندان کی دیواروں میں کوئی درز نہیں تھی۔ ایک وقت تھا جب لوگوں سے محبت، زندگی اور امید کی آخری بوند بھی چھین لی گئی تھی۔ وہ ان سلاخوں کے پیچھے مکڑی کے جالے میں پھنسے پتنگوں کی طرح بے حقیقت ہو گئے تھے۔ یہ پتنگے جو رات بھر روشنی کے گرد حیرت ناک رفتار سے منڈلاتے رہتے ہیں، یہ مہم جو جنہیں موت کے اس کھیل میں زندگی کے نئے معانی نظر آتے ہیں۔ یہ پتنگے جب کسی مکڑی کے پھیلائے جال میں پھنسے چلے آتے ہیں تو ایک لمحے کو ان ریشمی تاروں کے حسن سے مبہوت ہو جاتے ہیں۔ پر جب صیاد کی سفاکی کا اندازہ ہوتا ہے تو خوب ہاتھ پاؤں چلاتے ہیں۔ وہ بہت کوشش کرتے ہیں اور پھر بھی ایک انچ تلک کھسک نہیں پاتے۔ یہاں ان کے جسم میں دور افتاد خلاؤں کی سردی اتر آتی ہے۔ اس لئے نہیں کہ انہیں شہ مات ہو چکی ہے۔ اس لئے نہیں کہ ابھی تھوڑی دیر میں مکڑی انہیں نوچ نوچ کھائے گی۔ نہیں وہ موت سے نہیں ڈرتے۔ ڈرتے ہوتے تو اپنی پوری زندگی آگ کے گرد دیوانہ وار رقص میں نہ گذار دیتے۔۔۔۔۔۔دیوانہ وار رقص جس میں ایک ذرا سی غلطی انہیں موت کے منہ میں دھکیل سکتی تھی۔ نہیں حقیقت کچھ اور ہے۔ سچ یہ ہے کہ جب وہ مکڑی کے جالے میں پھنسے ہاتھ پیر چلا رہے تھے تو انہیں وجدان ہوتا ہے کہ وہ کتنے بے حقیقت ہیں۔ اب تک وہ اپنی نظروں میں ایک مہم جو تھے، خطرات سے کھیلنے والے دیوانے، جن کے مضبوط پر اور سینے میں جلتی آگ انہیں زندگی سے بالا دنیاؤں کا مسافر بنا دیتی تھی۔ لیکن اب انہیں خبر ہوتی ہے کہ سارا سحر تو اس ہوا کا تھا۔ اس خالی ہوا کا تھا جس میں وہ اڑتے پھرتے تھے۔۔۔۔۔۔۔اگر دنیا ریشمی تاروں کی بنی ہوتی تو وہ ایک انچ نہ کھسک پاتے۔ 
	پہاڑی کے کنارے پر لگے درخت سے ایک زرد پتہ گرتا ہے اور ڈولتے ہوئے ہزاروں فٹ گہری وادی میں جا گرتا ہے۔ اس کی پرواز اس مرغ کی پرواز سے بھی بے حقیقت ہے جو چھت کی منڈیر سے صحن میں آتا ہے۔ تو ان پتنگوں کے جسموں میں دور افتاد خلاؤں کی سردی اتر آتی ہے جب وہ اپنی حقیقت کی اصل سمجھ جاتے ہیں اور وہ ریشمی تاروں سے لپٹ لپٹ کر روتے ہیں، موت سے پہلے مر جاتے ہیں۔ اپنی اس ابدی رات میں یہ زنداں کے قیدی بھی چلاتے رہتے، تمام تر طاقت سے اپنے نازک سر کو بڑی بے رحمی سے پتھر کی دیواروں سے ٹکراتے رہتے۔ سر جسے وہ کرکٹ جیسا بے ضرر کھیل کھیلتے ہوئے بھی ہیلمٹ میں چھپا لیتے تھے۔ سر جن پر ان کے بزرگ پیار کیا کرتے تھے، سر جن پر انہوں نے شادی کے دن خوش رنگ پگڑیاں باندھی تھیں۔ لیکن ان یاسیت بھری گھڑیوں میں وہ اپنے سب پرانے رشتے بھول جاتے ہیں اور اسی شدت سے اپنے سر کو دیواروں سے ٹکراتے ہیں جس سے مجبور پتھر توڑنے والوں کی کدال زمین پر پڑتی ہے۔ ایسے میں جب زمین سے ٹوٹے ہوئے پتھروں کے ریزے اڑتے ہیں تو مزدور کی آنکھوں میں جہاں بھر کا اطمینان اتر آتا ہے۔ یہاں بھی ریزے اڑ رہے ہیں، یہاں بھی دھجیاں بکھری تھیں، یہاں بھی اطمینان اتراتا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔کسے پروا کہ یہ ٹکڑے خود ان کے جسم کے تھے۔
 	تو ان میں سے ہر روز کوئی غیر طبعی موت مارا جاتا اور پیچھے رہ جانے والوں کے لئے مایوسیوں کا پاتال کچھ اور گہرا ہو جاتا۔ یہاں ان کی سزاکے فرمان میں تھوڑی سی تبدیلی کر دی گئی۔ ’’انہیں تمام عمر چھ مربع فٹ کی کوٹھڑیوں میں رکھا جائے گا۔۔۔۔۔۔۔کوٹھڑیاں جن کی چھتوں میں کہیں ایک مربع انچ کا سوراخ ہو گا۔ ایسا سوراخ جہاں سے وہ آسمان کی جھلک دیکھ سکیں، تازہ ہوا کی سنسنی محسوس کر سکیں اور کبھی کبھار بارش کے قطروں اور پرندوں کے چہچہانے کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ وہی قید تھی وہی زنداں پر اس کے بعد کبھی کوئی قیدی پاگل نہیں ہوا۔ کسی نے کبھی زنداں کی دیواروں سے سرنہیں ٹکرایا۔ اب رات کے پچھے پہر کوئی غیر انسانی آوازوں میں روتا نہیں ہے۔۔۔۔۔۔وہ سب اب ان سوراخوں کے نیچے بیٹھے ہیں اور مسکراتے ہوئے اپنے خوابوں سے سرگوشیاں کرتے ہیں۔ اور انہیں قید کرنے والے اپنے بستروں میں ایک ایماندار انسان کی نیند سوتے ہیں۔ کچھ ایسے کہ انقلاب کے ڈراؤنے خواب انہیں ڈراتے نہیں ہیں، دکھ میں ڈوبی کراہیں ان کی نیند میں خلل پیدا نہیں کرتیں اور قیدیوں کی غیر ضروری اموات ان کے ضمیر کو کچوکے نہیں لگاتیں۔ 
٭٭٭

رب کو راضی کرنے سے ضروری ہے  رب سے راضی ہو جانا۔۔۔۔۔۔

	مجھے نہیں لگتا کہ آپ رب کو راضی کر سکو گے جب تک کہ آپ خود رب سے راضی نہیں ہو گے۔ آپ میں سے بہت سے لوگ استغفار پڑھو گے اور مجھے برا بھلا کہو گے کہ بھلا ہم کہاں رب سے راضی نہ ہونے کا سوچ بھی سکتے ہیں ؟ 
	پر رب کیا ہے؟ کس نے رب کو دیکھا ہے؟ بڑے بڑے بزرگ، پیغمبر بھی نہ اس رب سے بات سے کر سکے اور نہ اسے دیکھ پائے۔ پر وہ ہم سب کی زندگیوں میں آتا ہے۔ ہم میں سے گھٹیا اور رذیل ترین شخص کی زندگی میں بھی آتا ہے۔ وہ ہر لمحہ ہم سے ملتا ہے۔ اپنی کائنات، اپنی مخلوقات کے روپ میں ہر ساعت ہمیں گھیرے ہوئے ہے۔ چیلنج دے دے کر کہتا ہے کہ اگر تم میں طاقت ہے تو میری حدوں سے باہر نکل جاؤ مگر کس میں اتنی طاقت کہ اُس سے دور جا سکے؟
	تو رب ہم سے صرف اپنی مخلوقات، اپنی تخلیقات، اپنی کائنات کی صورت ہی مل سکتا ہے۔۔۔۔۔۔اور رب سے راضی ہونے کا مقصد اس کی عطا کردہ چیزوں سے راضی ہونے کے سوا بھلا کیا ہو سکتا ہے؟ 
	اور ایک ہم ہیں کہ بہت کم ہی شکرگزار ہوتے ہیں۔ ہم نے خود سے ہی کچھ چیزوں کو اچھائی کا درجہ دے دیا اور کچھ چیزوں کو برائی کا اور پھر بڑی ڈھٹائی سے ہم نے اچھائی کو خدا سے بھی بلند درجہ دینے کی کوشش کی۔۔۔۔۔۔۔رب ہمیں صحت دے، دولت دے، حسن دے، شہرت دے، طاقت دے، حکومت دے تو ہم اس سے راضی اور وہی رب ہمیں بیماری دے، غربت میں رکھے، محکوم بنا دے، اسی کے حکم میں بندھی مخلوقات ہم پر ظلم ڈھائیں تو ہم دہائی دینے لگتے ہیں۔ ہمیں انصاف یا د آ جا تا ہے۔ ہمیں شکر گزاری بھول جاتی ہے۔ 
	ہم بھول جاتے ہیں کہ امر صرف میرے رب کا چلتا ہے۔ میرے رب نے یہ ساری کائنات میرے امتحان کے لئے بنائی اور اس کی کوئی شئے بھی بلا ضرورت نہیں بنائی۔ وہ چاہے کوئی جابر حکمران ہو، چاہے کوئی خونخوار درندہ ہو، چاہے بستیوں کو پلٹا دینے والا زلزلہ ہو۔۔۔۔۔۔۔سب کے گلے میں میرے رب کے امر کی رسی پڑی ہے۔
	میں نہیں کہتا کہ تم ظلم پر لڑو نہیں، میں نہیں کہتا کہ تم قاتل کو سزانہیں دو، میں نہیں کہتا کہ تم بیماری کا علاج نہیں کرواؤ۔۔۔۔۔۔۔جو طاقت تجھے تیرے رب نے دی ہے اسے استعمال کرو اور ویسے ہی عمل کرو جیسے عمل کرنے کا حکم ہے۔۔۔۔۔۔۔مگر دل میں شکرگزار رہو۔ اس کے نظام پر راضی رہو۔
	یہ ایسے ہی ہے جیسے تم اپنے بھائی کے ساتھ شطرنج کھیلتے ہو۔۔۔۔۔۔۔کھیلتے ہوئے تمہاری نظریں اس کی کمزوریوں پر جمی رہیں گی، تم اسے ہرانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور بھی لگا دو گے پر نتیجہ کوئی بھی ہو۔ جیسے ہی کھیل ختم ہو گا تم اپنے بھائی کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے گھر کی طرف لوٹ جاؤ گے۔ یہی زندگی کی حقیقت ہے۔ 
	مجھے کہنے دو کہ پلِ صراط پر سب سے مشکل میں وہ لوگ ہوں گے جن کی پشتیں شکووں کی گٹھڑیوں سے جھکی جاتی ہوں گی، جن کے کاندھے نفرتوں کے بوجھ سے جھکے جاتے ہوں گے اور جو اس کی مخلوق کو معاف کرنے کی صلاحیت سے محروم ہوں گے۔
٭٭٭

انگور کی بیل میں لپٹا ہوا شہر

	میری کھڑکی سے ایک شہر نظر آتا تھا۔اونچے سفیدے اور دیودار کے درخت،گلیوں میں کھیلتے ہوئے بچے، سائیکل چلاتے ہوئے چھابڑی والے،چست لباس پہنے لڑکیاں،گلی کی نکڑ پر باتوں کے پنجروں میں پھڑپھڑاتے بوڑھے،چھوٹی چھوٹی دکانوں میں بیٹھے خلاؤں میں گھورتے دکاندار۔۔۔۔۔۔۔۔میری کھڑکی سے ایک پورا شہر نظر آتا تھا۔
	ایسے میں جب ایک انگور کی بیل نے بڑھتے بڑھتے کھڑکی کے نچلے کونے سے جھانکا تو وہ مجھے کسی مہیب اژدہے کی طرح نظر آئی جو پورے شہر کو کھانے کو چلا آتا تھا۔میں بہت چلایا۔میں نے ہر ممکن طریقے سے شہر کے لوگوں کو متنبہ کرنے کی کوشش کی مگر شیشے کے پیچھے سے میری آواز بہت مدھم ہو جاتی تھی اور پھر باہر شور بھی تو کتنا تھا۔۔۔۔۔چھابڑی والوں کا شور،رکشاؤں کا شور، ورک شاپوں سے امڈتی مستریوں کی پکار۔ایسے میں ایک بوسیدہ گھر کی کھڑکی میں چلاتے بوڑھے کی آواز کون سنتا؟
	پر پھر بھی کبھی کبھار مجھے لگا جیسے کسی گزرتے راہگیر نے میری آواز سنی ہو اور وہ چلتے چلتے ٹھہر گیا ہو اور اس نے رک کر شاید مجھے دیکھا بھی ہو۔اور ہماری آنکھیں گویا ایک لمحے کو ملی بھی ہوں۔۔۔۔۔پر پھر وہ کچھ بڑبڑائے۔کچھ دیر منتظر رہے اور کندھے اچکا کر چل دیے۔پتہ نہیں وہ کیا کہہ رہے تھے؟شیشے کے پیچھے دور نیچے گلی سے آتی آواز بڑی مدھم ہو جاتی ہے۔
	کون جانے وہ بس اتنا کہتے ہوں کہ
	’’ بابا جی!  ایک اژدہا تیرے گھر کو کھائے جاتا ہے۔کوئی جتن کر سکتے ہو تو کر لو۔‘‘
٭٭٭

چلو بھر پانی

	میرا رب اس بستی کی ایک پر رونق گلی کی نکڑ پہ چلو میں پانی بھرے کھڑا ہے اور پکارتا ہے کہ آؤ میں تمہیں صاف کر دوں۔ تم جو اپنی آلائشوں، اپنی بوجھ بھری زندگی سے بولائے پھرتے ہو یہاں میرے پاس آؤ تاکہ میں تمہیں پھر سے پاکیزہ بنا دوں۔۔۔۔۔۔۔اتنا جیسے تمہاری ماؤں نے ابھی تمہیں جنا ہو۔
	ہم ایک نظر اپنے جسم پر ٹھہرے گندگی کے پہاڑ پر ڈالتے ہیں اور دوسری نظر اس چلو بھر پانی پر اور ہماری آنکھوں میں ایک بہت بڑی بے یقینی اتر آتی ہے۔ 
	میرے جی میں آتا ہے کہ میں ماتم کروں اس آنکھ کا جو اپنے جسم پر جمی میل کی تہہ دیکھ لیتی ہے، جسے چلو بھر پانی کی کم مائیگی کا احساس بھی ہے پر وہ نہیں دیکھ پاتی تو وہ مقدس ہاتھ جو یہ پانی  لئے کھڑے ہیں۔۔۔۔۔۔۔وہ ہاتھ جو پہلی بار ایک گندی، بدبو دار، چکنی مٹی سے اس پتلا خاکی کی تخلیق کرنے پہ قادر ہیں وہ بھلا پھر سے ہمیں پاک کرنے سے کیونکر عاجز ہو سکتے ہیں۔
	میرا رب گلی کی نکڑ پہ کھڑا پکارتا ہے کہ آؤ تاکہ تم معاف کر دیے جاؤ اور ہم پھر بھی اپنے جسموں کو گھسیٹتے شہر سے باہر اس تعفن زدہ گڑھے کی طرف بڑھتے رہتے ہیں جس میں گرنے والے کبھی واپس نہیں آتے اور جس کے کنارے ایک بوڑھا آنکھیں بند کئے بیٹھا ایک ایسی بانسری بجاتا ہے جس کے ہر سُر میں درد و غم کے سانپ پھنکارتے ہیں۔
٭٭٭

ہمارے بیچ رکھی لاش

	میں جانتا ہوں کہ تم بڑے رحم دل ہو۔ میں جانتا ہوں کہ تم پورے خلوص سے مجھے سمجھانا چاہتے ہو۔ میں جانتا ہوں کہ تم پوری کوشش کرو گے کہ مجھے تکلیف سے بچا پاؤ۔
	میں یہ بھی جانتا ہوں کہ یہ سب کتنا آسان ہے۔ تمہاری ابرو کی ایک جنبش پر میرے جسم سے زندگی یوں کشید کر لی جائے گی جیسے وہ کبھی یہاں تھی ہی نہیں۔ میں جانتا ہوں کہ تم اس چھوٹی سی دنیا کے خدا ہو۔
	میں کوئی تماشہ کھڑا نہیں کروں گا جب تمہاری پولیس مجھے یہاں سے گھسیٹتی ہوئی لے جائے گی، میں کوئی فریاد نہیں کروں گا جب تمہاری عدالتیں، تمہارے بنائے قوانین کی ردا  اوڑھے مجھے سزا سنائیں گی، میں کوئی آنسو نہیں بہاؤں گا جب تمہاری بے رحم جیلیں میری آزادی کی آخری رمق بھی چوس لیں گی۔ اور میں خاموش رہوں گا اس آخری ساعت تاکہ جلاد میرے منکے کے ٹوٹنے کی آواز واضح طور پر سن سکے۔
	ہاں میں خاموش رہوں گا کہ اب مکالمہ ختم ہوا۔ اب تو ہم جب بھی مل بیٹھیں گے تو ایک لاش ہمارے بیچ رہے گی۔ تازہ خون میں لتھڑی، مسخ شدہ لاش۔ تم مجھ سے بات کرنا چاہو گے، مجھے مذاہب اور اخلاقیات کی دلیل دینا چاہو گے، مجھے بتاؤ گے کہ تمہاری بدولت انسانیت ارتقا کی سیڑھیوں پر بھاگتی کتنی اوپر آ گئی ہے (کسے پروا کہ یہ سیڑھیاں میرے اجداد کے جسموں سے ہی بنی تھیں )۔ تم وہ منطق میرے سامنے لے کر آؤ گے جسے تم نے لاکھوں سال کی بھٹی میں پکا  کر کندن بنایا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔ لیکن لاشیں بولا نہیں کرتی اور اگر بولتی بھی ہیں تو دل دہلا دینے والی، کلیجہ پھاڑ دینے والی چیخوں کی صورت۔ 
	ہم اب کبھی بات نہ کر پائیں گے۔ مشرق سے کالے، مدقوق، گرد آلود، غلامی کی زنجیریں جھنکاتے جسم اٹھیں گے۔ اتنے جسم کہ تمہاری جیلیں ختم ہو جائیں گی، تمہارے جج فیصلے سناتے سناتے اکتا جائیں گے، ڈنڈے برساتے برساتے تمہارے سپاہیوں کے کندھے شل ہو جائیں گے لیکن وہ جسم نہیں رکیں گے۔ وہ ہاتھ تمہاری طرف بڑھتے رہیں گے۔ تم بات کرنا چاہو گے، اپنے بچوں کے معصوم چہروں کے واسطے دو گے، خدائی عذاب سے ڈراؤ گے پر وہ جسم نہیں رکیں گے۔ کوئی مکالمہ نہیں ہو گا کہ آج کے بعد ہمیشہ ہمارے بیچ ایک لاش رہے گی۔
٭٭٭


دلیل کی بارش میں پیاسا مولوی

	وہ دین کا بہت بڑا عالم ہے۔وہ مجھے پوری رات خدا کی برکتوں سے بھرے واقعات سنا سکتا ہے، وہ گھنٹوں خدا کی قدرتوں پر لیکچر دے سکتا ہے۔اسے خدا کے پیغمبروں کے سارے قصے زبانی یاد ہیں۔خدا کی صفات پر وہ نجانے کتنی کتابیں پڑھ چکا ہے۔وہ مجھے خدا پر یقین لے آنے کا درس دیتا ہے اور اسے دیکھ کر مجھے لگتا ہے کہ وہ جیسے خدا کے  لئے کچھ بھی کر سکتا ہے۔مگر وہ مجھے بتا نہیں سکتا ہے خدا ہے کون؟
٭٭٭

ایک وقت تھا جب ہم مسکراتے تھے  

	ہم کند بھالے  لئے تمام دن جنگل کے پرخطر راستوں پر چلتے تھے۔ پیاس کی شدت سے ہونٹوں پر پپڑی جم جاتی اور پنڈلیوں سے کانٹے دار جھاڑیوں کی بدولت خون رسنے لگتا۔ خرگوش اور ہرن جیسے بیوقوف جانور بھی ہمارا منہ چڑا چڑا کر بھاگ جاتے اور ہم کچھ نہ کر پاتے۔
	بہت خوش قسمت ہونے پر شام سے پہلے ہم سب مل کر کسی ایک بارہ سنگھے کو مار گراتے اور پھر لکڑیوں کی مدد سے اس جسیم وجود کو اٹھائے خالی پیٹ بستی کو سفر کرتے۔ بستی کی لکڑی اور بھوسے سے بنی جھونپڑیوں پر پہلی نظر پڑتی تو گویا قدم وہیں جواب دے جاتے۔ ہم کندھوں سے بارہ سنگھے کو اتار رکھتے اور آہستہ آہستہ بستی کو بڑھنے لگتے۔ ایسے میں کوئی بچہ ہمیں دیکھ لیتا اور پھر بہت سے بچے اور عورتیں بھاگتے ہوئے ہمارا استقبال کرتے اور پتہ نہیں کون اس بارہ سنگھے کو اٹھا کر بستی میں پہنچا دیتا۔ نجانے کتنے ہاتھ اس کی کھال اتارتے اور تھوڑی ہی دیر میں گوشت پکنے کی اشتہا انگیز خوشبو پوری بستی میں پھیل جاتی۔
	اس خوشبو کے ساتھ پوری بستی پر ایک ماورائی مسکراہٹ اترتی۔ ایک مسکراہٹ جو پوری رات بستی میں دل کھول کر ناچتی۔ مسکراہٹ جس کی مالا پہنے گاؤں کی عورتیں بنتی سنورتیں، مسکراہٹ جس کے موتی  لئے بچے ساری رات چاندنی میں کھیلتے اور مسکراہٹ جس کی نرم آسودگی میں ہم آگ کے گرد بیٹھے رات گئے تک بے معنی باتوں پر قہقہے لگاتے۔
	 اور مسکراہٹ جس کے خمار میں ہم اگلا پورا دن کند بھالے  لئے جنگل کے پرخطر راستوں پر یوں چلتے کہ پیاس سے ہمارے ہونٹ سوکھتے رہتے اور پنڈلیاں کانٹوں سے ٹکرا کر خون رسنے لگتیں اور خرگوش ہرن قبیل کے بیوقوف جانور ہماری گرفت سے نکل نکل جاتے۔۔۔۔ پر کوئی بھی شئے اس خمار کو اتار نہ پاتی۔ وہ مسکراہٹ گویا پتھر پر بنی تحریروں کی طرح ہمارے وجود کا مستقل حصہ بن جاتی۔ 
٭٭٭



One has to fulfill his destiny



	وہ ایک خوفزدہ جانور کی طرح تھا جو ناکے میں آ چکا تھا۔اسے اب بھی اپنی سبک رفتاری پر غرور تھا لیکن نہیں جانتا تھا کہ کس سمت بھاگے۔بظاہر ہر راستہ کھلا تھا مگر یقیناکسی ایک سمت کوئی جال بچھا،ایک ناکا لگا تھا۔وہی سمت جہاں ہانکا لگانے والے اسے بھگانا چاہتے تھے۔پر وہ سمت کونسی تھی وہ نہیں جانتا تھا۔
	یا پھر شاید وہ جانتا تھا پر پھر بھی اسے اسی سمت جانا تھا جہاں ناکا لگا تھا۔کوئی بھلا خود سے کیوں جال میں جا گرے گا؟
	یہ سوال آسان نہیں ہے۔اس کا جواب آسان نہیں ہے مگر ایسا ہوتا ہے۔جب ایک طاقتور جنگلی جانور کو ہانکا لگایا جاتا ہے تو وہ جانتا ہے کہ اب کیا ہو گا۔وہ جانتا ہے کہ ایک خاموش سمت شکاریوں کا جتھا گھات لگائے بیٹھا ہو گا۔وہ جو برسوں سے خالی بوتلوں اور اڑتے پرندوں پر نشانے لگا لگا کر اس دن کا انتظار کرتے رہے ہیں۔وہ جن کے گھروں میں خواب بھری آنکھیں ان کی کامیابی کی منتظر ہیں۔ جذبات کی شدت سے جن کے مساموں سے پسینہ پھوٹ نکلا ہے جس کی خوشبو وہ یہاں اتنی دور محسوس کر سکتا ہے۔وہ اتنے لوگوں کو مایوس کیسے کر سکتا ہے؟وہ کیونکر کسی دوسری سمت چلا جائے جہاں پتلی پتلی ٹانگوں والے مدقوق مزدور ڈھول بجاتے ہوں گے۔درندے کو دیکھ کر جو خوف سے کانپنے لگیں گے اور ان کے پیچھے چلے آئے ان کے بچوں پر ان کی بہادری کا بھرم کھل جائے گا۔۔۔۔۔۔۔نہیں ایسی مضحکہ خیز صورتحال میں ایک درندہ کیونکر اپنی متانت قائم رکھ سکتا ہے۔
	تو وہ اسی سمت بھاگے گا جہاں اس کے شایانِ شان استقبال ہو۔اور ایک درندے کے لئے اس سے بہتر استقبال کیا ہو گا کہ وہ درجنوں شکاریوں اور تیز رفتار گولیوں کے بیچ سے نکل کر بھاگ جائے۔یہ ایک شاندار فرار ہو گا اور اگر گولیوں نے اسے روک لیا تو ایک پر وقار موت ہو گی۔یہی اس کی زندگی کی معراج ہے۔  
	One has to fulfill his destiny		
٭٭٭



دس ہزار اور بیس راتیں 


	’’میں نے اپنی جوانی کی دس ہزار راتیں اپنے شوہر کی یاد میں پاکیزگی سے گذار دیں۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ کیا تم مجھے ان بیس کے لئے قصوروار ٹھہراؤ گے جہاں میں ذرا سا لڑکھڑا گئی؟‘‘
	اس نے معصومیت سے کہا اور میں واقعی سوچ میں پڑ گیا۔ وہ اتنا غلط تو نہیں کہہ رہی تھی۔اس نے بہرحال ایک بڑی قربانی تو دی تھی۔ وہ ان بزرگوں کی طرح پاکیزہ تو بہرحال نہیں تھی جنہیں کبھی شر اور برائی کے خیال نے بھی چھوا نہ ہو (کیا ایسے بزرگ ممکن بھی ہیں ؟) لیکن اگر عام دنیا کے معیار سے دیکھیں تو وہ خاصی معقول حد تک معصوم ہی تھی۔
	شاید ہم انسانوں کے لئے یہ ضروری ہے بھی نہیں کہ ہم کہانیوں والے بزرگوں کی طرح ہو جائیں (ان بزرگوں کی زندگیوں میں بھی کئی تاریک پہلو انکےsainthood period pre-میں ہوں گے پر ہم یہاں اس پر بات نہیں کرتے)۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پر سوال یہ ہے کہ کہیں ایسا تو نہیں کہ شر کا ہمارے دلوں میں کوئی جائز حصہ رکھ دیا گیا ہو۔ یہ نیکی نہیں ہے کہ ہم شیطان کو اس کے اس کے legitimate حق سے محروم کر دیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بلکہ نیکی تو اس یقین کا نام ہے کہ روح شر سے کبھی ناکارہ ہو ہی نہیں سکتی۔ ایسا بھی تو ہو سکتا ہے کہ روح ایک چلتی ندی کی طرح ہو جو اپنے اندر آلائشوں کو چھپاتی چلی جائے اور پھر بھی انسانوں کو استعمال کے واسطے پاکیزہ پانی مہیا کرنے پر قادر ہو۔
	شاید اصل مقصد یہ نہیں ہے کہ ہم خدا بن جائیں (اگر ہم یہ کوشش کریں گے تو بری طرح ناکام ہو جائیں گے) جیسے کہ ہمارے مذہبی رہنما ہمیں بنانے کی کوشش کرتے ہیں بلکہ اصل مقصد یہ ہے کہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ہم ان حالات میں بھی انسان رہ سکیں جب شیطان اس پوری دنیا کے بوجھ سے ہمیں تاریکیوں میں دھکیلنے کی سعی میں لگا ہو۔ وہ واحد چیز جو روح کو آلودہ کر سکتی ہے وہ نا امیدی کا احساس ہے۔ امید ہی وہ ڈھلان ہے جس سے یہ ندی چلتی ہے اور اگر امید ختم ہوئی تو یہ پانی رک جائے گا اور رک جانے پر تو شفاف سے شفاف پانی بھی پینے کے قابل نہیں رہتا۔
٭٭٭

میں نے بھید کی چادر کو سرکتے دیکھا ہے

	میں نے دیکھے ہیں وہ پر رونق مقبرے جن میں صاحب مزار کا نشاں تک نہیں ملتا اور ایسی گمنام، بے لوح قبروں میں مسکراتی ہستیاں جو پورے پورے شہر کے مقدر کا فیصلہ لکھ دیں۔
	میں نے دیکھا ہے وہ محنتی بوڑھا جس کی سفید داڑھی اتنی لمبی ہے کہ اس نے اسے اپنے پورے جسم پر لپیٹ رکھا ہے اور جس کے توانا ہاتھوں میں دنیا کے ہر خزانے کی چابی دبی ہے۔
	میں نے دیکھا ہے بستیوں کو قبروں میں تبدیل ہوتے اور پھر ایسی قبروں کی بنیادوں پر نئی بستیوں کو سراٹھاتے۔۔۔کچھ ایسے کہ ہر گھر کے نیچے ایک قبر ہے اور ہر قبر کے نیچے ایک گھر ہے۔
	میں نے دیکھا ہے کہ کیسے پرندوں کے سامنے تقدیر کا علم کھول دیا جاتا ہے اور وہ یہ عظیم الشان امانت اٹھائے بستی بستی، گھر گھر، آنگن آنگن میں اترتے ہیں اور بھیدوں میں اٹی آنکھیں بہل جاتی ہیں تو باجرے کے چند دانوں اور پانی کی ایک کٹوری کے کھیل پر۔
	میں نے دیکھی ہے وہ بڑھیا جو حرم کی سب سے بڑی پہرے دار ہے، وہ جیلی فش جو  اب بھی (اپنے لاکھوں برس سے سوکھ گئے سمندر میں )مارگلہ کے پہاڑوں کے بیچ تیرتی پھرتی ہے۔ وہ گھاس کا تنکا جس کی انا اس پہاڑ سے بھی بڑی ہے جس کا وہ ایک غیر اہم سا حصہ ہے۔
	میں نے بھید کی چادر کو سرکتے دیکھا ہے۔ اور اس چادر کے نیچے ایسی دنیائیں ہیں کہ جن کا خواب بھی ہم علم زدہ اور منطق گزیدہ انسانوں کو سزاوار نہیں۔
٭٭٭

ہجوم میں سمٹی ہوئی ’’میں ‘‘

	میں اسی طرح کے احساس سے تب بھی گزر چکا تھا جب میں ابھی بچہ تھا۔۔۔۔میرے سکول میں ایک پریڈ ہو رہی تھی جس میں بچوں نے چلتے ہوئے مہمانِ خصوصی کے سامنے سے گزرنا تھا۔۔۔۔سب نے ایک جیسے کپڑے، ایک جیسی ٹوپیاں اور ایک جیسے جوتے پہن رکھے تھے اور سب بالکل ایک ہی انداز میں چل رہے تھے۔ بازو سے بازو، قدم سے قدم ملائے۔۔۔۔وہ سب کسی بھی دیکھنے والے کے لئے بالکل ایک جیسے تھے (اگر ان میں کوئی مختلف ہوتا تو ہمارے پی ٹی ماسٹر اسے بہت پہلے مارچ سے نکال دیتے۔وہ اس معاملے میں بہت سخت تھے)۔۔۔۔ایک مارچ کرنے والی ٹیم۔۔۔۔۔جیسے کہ آرمی وغیرہ۔
	جب ہم اس قسم کی کوئی خبر سنتے ہیں کہ آرمی نے کہیں ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ ڈالے تو ہمارا سار ا غصہ اسی فرضی سے وجود کی طرف مڑ جاتا ہے۔۔۔۔آرمی کی طرف۔۔۔۔ہم کبھی سوچ بھی نہیں سکتے کہ individualفوجی جو کہ اپنی ماؤں کے بیٹے ہیں ایسے عمل کا ارتکاب کر سکتے ہیں۔۔۔۔ہم ایسا سوچ بھی نہیں سکتے۔۔۔۔ایسے جرائم ’’بیٹے ‘‘کے تصور سے لگا نہیں کھاتے جو کہ محض محبت ہوتا ہے۔
	تو اس دن میں بھی ایک اکیلے انسان سے بدل کر ایک بڑے وجود کا حصہ بن گیا۔اور ہر ایک مجھے بتا رہا تھا کہ میں بالکل ٹھیک کر رہا ہوں۔۔۔۔۔۔۔لیکن میرے اندر نجانے کیسے کیسے طوفان چلتے تھے۔بڑے بڑے خوف اور مایوسیاں اور سوالات میرے ذہن میں پھنکاریں مارتے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔ بہت سارے کیوں،لیکن اور اگر تھے۔۔۔۔۔۔۔’’کیا ہو گا اگر میں نے کچھ غلط کر دیا؟‘‘۔۔۔۔۔ہر ایک فورا ڈھونڈ لے گا اس مختلف لڑکے کو جو اس فارمیشن میں بے ڈھنگے انداز سے چلتا ہے۔۔۔۔۔۔’’کیا ہو گا اگر میں غلطی سے نیچے گر پڑا؟‘‘۔۔۔۔۔۔میری اس لغزش میں سکول کے لڑکے سالوں تلک مجھ پر ہنسیں گے۔۔۔۔۔اسی  لئے میں اس دن سارا وقت نیچے زمین کی طرف دیکھتا رہا تاکہ کسی آنے والے پتھر یا گڑھے کو دیکھ پاؤں۔۔۔۔۔پر میں سوچ ہی کیوں رہا تھا کہ میں وہاں گر جاؤں گا۔۔۔۔۔کوئی وجہ نہیں تھی خوفزدہ ہونے کی مگر میں خوفزدہ تھا۔۔۔۔۔میں خوفزدہ تھا کیونکہ میں ’’میں ‘‘تھا۔یہی وہ واحد وجہ ہے جو وہ اس وقت سوچ پاتا تھا۔۔۔۔۔۔کسی نے نہیں جانا مگر میری بائیں آنکھ مسلسل اگلے بچے کے پاؤں پر تھی۔ہر لمحہ میں سوچ رہا تھا کہ میں کیوں اتنا پسینے پسینے ہوا جا رہا ہوں۔۔۔۔۔۔۔اس لئے کہ اس دن گرمی بہت تھی اور سورج بہت بڑا اور بے رحم ہو گیا تھا۔۔۔۔۔۔۔لیکن مجھے تو بتایا گیا تھا کہ وہ ایک بڑا خوشگوار دن تھا اور سورج کہاں اپنا سائز بدل سکتا ہے؟
	تو کچھ اور تھا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ میں نے اپنی ’’میں ‘‘ کو بہت کم اس وقت محسوس کیا تھا جب میں اکیلا تھا بلکہ میں نے اس ’’میں ‘‘ کو سب سے زیادہ شدت سے تب ہی محسوس کیا جب میں کسی ایسے harmoniousجسم کا حصہ تھا۔۔۔۔۔۔۔یہی وجہ تھی جس نے مجھے ہمیشہ اس زندگی میں دوسرے طریقے سے سوچنے پر مجبور کیا۔۔۔۔۔یہی وجہ تھی کہ میں جانتا تھا کہ میں دوسروں سے مختلف اس لئے ہوں کہ میں ’’میں ‘‘ ہوں۔
٭٭٭

سنگریزہ

	میں چھوٹا آدمی ہوں۔اور میں چھوٹا آدمی اس لئے ہوں کہ میں کبھی چھوٹی چھوٹی چیزوں سے اوپر نہیں اٹھ سکا۔میں تو وہ ہوں کہ تم مجھے اہرامِ مصر کے سامنے لے جاؤ تو بہت ممکن ہے میں اسے دیکھوں بھی نہیں (خیر یہ تو تھوڑا مبالغہ ہو گا۔میں اہرام پر چند بھرپور نظریں ضرور ڈالوں گا لیکن اس کی عظمت، اس کی شوکت کبھی میرے دل میں نہیں اتر سکے گی)۔میں اس کے سامنے گھنٹوں گذار دوں گا اور جانتے ہیں ان سارے گھنٹوں میں میں کیا دیکھ پاؤں گا۔۔۔۔۔۔ایک چیونٹی جو ریت پر چلی جاتی ہے اس بات سے بے پرواہ کہ اس کے سامنے کیسا شاہکار کھڑا ہے،سیاحوں کے ایک جوڑے کا بے معنی مشاہدہ جو شاید آج ہوٹل سے لڑ کر آئے ہیں اور اسی قبیل کی چھوٹی چھوٹی چیزیں۔
	مگر تم ایسی نہیں تھی۔تم صرف بڑی بڑی چیزیں دیکھتی تھی۔جیسے وہ دن جب تم سمندر کے کنارے چل رہی تھی۔ایسے کہ تم سمندر کا نہ جدا کئے جانے والا حصہ دکھائی دیتی تھی۔میں بھی تمہارے ساتھ چلتا تھا مگر میری نظریں سمندر کے ساحل پر بکھرے ہزاروں سنگریزوں پر پھسلتی تھیں اور میں سوچتا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔
	میں بھی شاید سمندر کے ساحل پر بکھرے لاکھوں سنگریزوں میں سے ایک سنگریزہ تھا۔ میری تراش، میری بناوٹ، میری قیمت کسی سے جدا نہیں تھی۔میں اپنی ذات میں ’’ہونے‘‘ کے باوجود ’’نہیں ‘‘تھا۔
	بس سمندر کے ساحل پہ بکھرے ہزاروں سنگریزوں کے بیچ ایک سنگریزہ تھا اور اپنے وجود میں شرمناک حد تک بے حقیقت تھا۔
	اور پھر تم نے مجھے اٹھا کر اپنے گلے کی زینت بنا دیا۔تم نے مجھے میری قیمت کی وجہ سے نہیں چنا۔بس ویسے ہی گویا اس سمندر کی یادگار سمجھ کر اٹھا لیا اور یوں تم نے میری تخلیق کی۔۔۔۔۔نئی تخلیق۔پہلی بار ’’میں ‘‘نے جنم لیا (اس سے پہلے تو بس ’’ہم‘‘ تھے)۔پہلی بار مجھ سے محبت کی گئی۔پہلی بار مجھے سمجھا گیا۔جیسے جیسے مجھ پر عنایتیں بڑھتی گئیں ویسے ویسے میرے اندر خوف بڑھتا گیا۔۔۔۔کہیں تم مجھے پھر سے ساحل پر بکھرے سنگریزوں کے بیچ نہ پھینک دو۔پھر وہی سمندر کا ساحل ہو گا۔مگر اب ہزاروں، لاکھوں سنگریزوں کے بیچ ایک سنگریزہ ایسا ہو گا جو شکل و شباہت اور ہر محسوس کئے جا سکنے والے معیار پر انہی جیسا ہو گا مگر ساتھ میں بہت مختلف بھی ہو گا۔’’ہم‘‘ کے ڈھیر میں ایک ’’میں ‘‘۔۔۔۔۔ایسا سنگریزہ جو اپنے آپ کو پہچانتا ہو۔جو کبھی کسی حسینہ کے گلے کی زینت رہ چکا ہو۔
	ایسے میں سمندر نے (کہ وہ راز دانِ کامل ٹھہرا) چپکے سے میرے کانوں میں یہ کہ دیا۔اس ساحل پر بکھرا ہر سنگریزہ کبھی ’’میں ‘‘تھا۔وہ کسی نہ کسی حسینہ کے گلے کی زینت رہ چکا تھا یا پھر کسی فال نکالنے والے بوڑھے جپسی نے اس کی مدد سے مستقبل کو دیکھا تھا یا پھر کسی بچے نے اسے اپنے ریت کے قلعے کی دیوار پر لگایا تھا۔اس ’’ہم‘‘ کے سمندر میں سب ’’میں ‘‘ ہیں۔سب تنہا ہیں۔بہت اکیلے ہیں۔ایک سنگریزے کے لئے یہ ممکن نہیں کہ وہ ’’ہم‘‘ اور ’’میں ‘‘ کے اس کھیل کو سمجھ سکے۔ایک سنگریزے کا مقدر ہے کہ وہ ’’میں ‘‘ہوتے ہوئے ہم بن کر رہے تاکہ ساحل پر آنے والے سیاحوں کے پاؤں ان کی انفرادی اناؤں سے کچلے نہ جائیں اور وہ یہاں کی سحر انگیز ہوا کا لطف اٹھا سکیں۔
٭٭٭



کتابیں 


	سالوں پر پھیلے اس بے معنی مطالعہ کے دوران میں نے بہت سی کتابیں پڑھی تھیں۔ فلکیات سے تاریخ تک،فلسفے سے ادب تک،فزکس سے دست شناسی تک۔۔۔۔۔کون سے مضامین تھے جو میری نظر سے نہیں گزرے تھے۔اور ایسا نہیں تھا کہ یہ سب کتابیں ایک سی ہوں کہ ہر کتاب اپنے آپ میں ایک دنیا ہوتی ہے۔۔۔۔۔۔ایک ایسی دنیا جس کے ساتھ ایک زندگی تو با آسانی گذاری جا سکتی ہے۔۔۔۔۔اور ایک زندگی تو گذارنی ہوتی ہے ہمیں۔بس ایک زندگی۔لیکن ہم یہ راز سمجھ نہیں پاتے اور ہماری الماریوں میں کتابوں کے ڈھیر لگتے رہتے ہیں۔ہم اپنے تئیں زندگی کا راز ڈھونڈتے ہیں۔۔۔۔۔اور زندگی تو کوئی راز کبھی تھا ہی نہیں۔وہ تو گلاب کے کھلے ہوئے پھول کی طرح بڑی معصومیت،بڑی سادگی سے ہمارے سامنے مسکراتی رہتی ہے۔یہ ہمیں ہیں جو پیچیدگیوں کے خوگر ہیں۔ایک الوہی مساوات کو کھوجتے ہیں جو کسی ماورائے فہم طریق پر تمام چیزوں کی وضاحت کر سکے۔اور ہم بھول جاتے ہیں کہ وضاحت تو صرف خدا کے لئے ہے۔ہم انسانوں کے لئے تو بس ایک زندگی ہے۔۔۔۔۔چھوٹی سی زندگی جسے کسی کتاب،کسی درخت،کسی انسان،کسی ادارے کے ساتھ با آسانی گذارا جا سکتا ہے۔
	وہاں کتابیں بہت مختلف طرح کی تھیں۔کچھ کتابیں نیاگرا فال کی پہلی جھلک جیسی تھیں۔۔۔۔۔ جب آپ پہلی بار اس آبشار کو دیکھتے ہو تو جیسے اس پہلے لمحے میں ہی آپ اس کے سارے حسن،ساری ہیبت،سارے اسراروں کا احاطہ کر لیتے ہو۔اب اگر آپ وہاں کچھ دن ٹھہرنے کا پروگرام بنا کر گئے ہو تو یقین مانو کہ آپ اس سے خوبصورت کچھ بھی نہ ڈھونڈ پاؤ گے۔کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کی جستجو کیسی ہے؟کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ وہاں کتنی دیر ٹھہرتے ہو۔ اب آپ کے باقی دن چھوٹی چھوٹی چیزیں دیکھتے گزریں گے۔۔۔۔۔جیسے پتھروں سے ٹکرا کر بہتی ہوئی چھوٹی چھوٹی شاخیں،اپنے  high tech کیمرے میں الجھا ہوا کوئی جاپانی سیاح اور بہت خوش قسمت ہونے پر ایک مکمل قوسِ قزح۔آپ جو چاہو کر گزرو مگر کبھی بھی اس پہلے لمحے کے سحر سے نکل نہ پاؤ گے جب دیوتاؤں سا طاقتور ایک سمندر جیسا دریا آپ کے سامنے سے بہت اونچائی سے گرتا ہے۔۔۔۔۔کچھ اس طرح کہ رین کوٹ کے اندر بھی آپ بھیگ جاتے ہو۔کچھ اس طرح کہ آپ اپنی پوری قوت سے چلاتے ہو۔آپ کا ساتھی کسی سرگوشی کے سے انہماک سے اسے سننے کی کوشش کرتا ہے اور شائد پھر بھی سن نہیں پاتا۔آپ نظریں اٹھانا چاہتے ہو تو پانی کے پڑنے والے قطرے انہیں بھاری کر دیتے ہیں۔آپ کو کوئی ماورائی طاقت ایک دم سے ایسے فراز پر لے آتی ہے جس کے بعد ہر سو بس نشیبوں کا سلسلہ ہے۔۔۔۔۔۔تو کچھ کتابیں نیاگرا فال کی اس پہلی جھلک کی سی تھیں اور انکے باقی ماندہ صفحات پڑھنے کی فکر لاحاصل تھی۔
	لیکن سب کتابیں ایسی تو نہیں ہوتیں۔اب فرض کریں کہ شوپنہار کی  ’’World as a will and representation  ‘‘  آپ کے سامنے ہے۔ اب یہ کتاب صحیح معنوں میں کہیں دو سو صفحات کے بعد شروع ہوتی ہے۔اور ایسی کتابوں کے متعلق میں ہمیشہ پریشان رہتا۔لائبریری سے واپس جاتے ہوئے بس کے سفر میں تیز رفتار پچھتاوے میرے ساتھ بھاگتے رہتے۔رات کو سونے کے لئے جاتا تو وہ پہلے ہی میرے بستر پر براجمان ہوتے۔میں آدھی رات تک ٹہلتا رہتا۔پھر بستر سے ٹیک لگا کر زمین پر بیٹھ جاتا۔زبردستی اپنی آنکھوں کو موندنے کی کوشش کرتا۔پر اس رات سب کچھ الٹ ہو جاتا۔وہی نیند جو کھلی آنکھوں میں بھری رہتی اب پلکیں گرنے پر کہیں دور بھاگ جاتی۔ کمرے کے کونے میں کھڑے ہو کر میرا منہ چڑاتی اور میں دو زانو ہو کر فریاد کرتا۔
	’’مجھے سونے دو۔۔۔۔۔پلیز مجھے سونے دو۔میں وعدہ کرتا ہوں کہ میں تمہارے باقی ماندہ صفحات ضرور پڑھوں گا۔‘‘
	لیکن یہ ان راتوں کا قصہ ہے جب میں واقعی سونا چاہتا تھا اور ایسی راتیں بہت زیادہ تو نہیں تھیں۔عام طور پر تو میں اپنی اس اذیت پر بھی حِظ محسوس کرتا اور کوشش کرتا کہ میں زیادہ سے زیادہ جاگ سکوں۔اگر اس کے  لئے مجھے اپنے پپوٹوں کو پکڑ کر کھولنا پڑتا تو شائد میں ایسا بھی کر گزرتا۔ ایسی راتوں میں یہ کتابیں نہ صرف مددگار تھیں بلکہ ضروری بھی تھیں۔شاید یہی وجہ تھی کہ میں نے کبھی بھی انکے باقی ماندہ صفحات نہ پڑھے تھے کہ اس سے تو سار اسحر چھٹ جاتا۔بس میں سفر کرتے ہوئے میرے ساتھ فقط اجنبی رہ جاتے۔۔۔۔۔اجنبی جو اپنی اپنی منزلوں کی طرف جا                                                                                                                                   لائی شکوؤ                                                                                                                      رہے تھے۔بس سٹاپ سے گھر تک کے پیدل راستے میں کوئی میرے ساتھ نہ چلتا۔رات کی تاریکیوں میں میرا کمرہ بڑی بڑی تنہائیوں سے بھر جاتا۔میرا خالی بستر پر فریب لوریوں کی صورت مجھے بلاتا اور میں اس رات کسی بچے کی طرح پرسکوں نیند سو جاتا۔۔۔۔۔مگر کون کہتا ہے کہ میں سونا چاہتا تھا۔ کون کہتا ہے کہ مجھے سکون درکار تھا۔میں ایک masochist تھا۔۔۔۔۔اور ایک masochist کس کے اندر نہیں ہوتا۔۔۔۔۔ورنہ کتنا مشکل ہو سکتا ہے رات کا کھانا کھانا، مسکراتے ہوئے ٹیلی ویژن دیکھنا،گھر والوں کو شب خیر کہنا اور ایک پرسکون نیند سو جانا۔
	لیکن ان بہت خاص کتابوں سے پرے ایک جمِ غفیر تھا جو کبھی مجھے راتوں کو پریشان نہ کرتا مگر پھر بھی ان کے باقی ماندہ صفحات میں پڑھنے کو بہت کچھ ہوتا۔میرا رویہ ایسی کتابوں کے بارے میں لاتعلقی کا تھا۔کسی نے لاکھوں سال پرانا انسانی جبڑا دریافت کر لیا، forensic scienceکی مدد سے Jack the ripper کی شناخت ممکن ہو گئی،نئی آنے والی فلم میں جولیارابرٹس نے زندگی کی بہترین پرفارمنس دے ڈالی۔۔۔۔۔کیا فرق پڑتا ہے؟یہ اور ایسے ارب ہا دوسرے حقائق آپ کی زندگی کی ایک شئے کو بھی تبدیل نہیں کر سکتے۔سو میں صرف ان دلچسپ کتابوں کی آغوش میں تھوڑی دیر کو چھپ جاتا۔ایک مختصر سا  time outجس میں وقت سے شمشیر زن کو ضرب لگانے کا موقع نہ ملے۔
٭٭٭



برف پہ لہریں 


	ایک لڑکی ہے جو برفیلی ہواؤں کی طرح اپنے رستے میں آنے والی ہر شے کو منجمد کیے جاتی ہے۔ یہاں تک کہ میں نے خود وقت کو دیکھا ہے چپ چاپ کھڑے۔ ایسا ساکت کہ ًجیسے مندر میں کوئی بت رکھا  ہو۔ پتھروں سے بھی زیادہ مردہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وہ جنہیں لاکھوں ہاتھوں کالمس، ان گنت سانسوں کی گرمی، گریہ و فریاد کے طوفاں بھی ایک لمحے کا جیون تلک نہیں دے پاتے۔
	میں نے سنا تھا کہ برف لاکھوں سالوں تک چیزوں کو اپنی آغوش میں محفوظ رکھتی ہے۔ پر یہ کیسی برفاب ساعتیں ہیں جو بہاروں کی سی سرعت سے چیزوں کو بدلے جا رہی ہیں۔
	اور یہ برف پر اٹھنے والی لہریں اتنی بڑی ہیں کہ سمندر بھی شرما شرما جاتے ہیں۔
	میں سوچتا ہوں اور مسکراتا ہوں۔ مسکراتا ہوں اور سوچتا ہوں۔ مسکراتے ہوے سوچتا ہوں۔چیزیں جنہیں سوچنا تو درکنار میں انکے وجود کے احساس سے بھی ڈرتا تھا۔
	میں جون بدل رہا ہوں۔ میں کسی دوسرے میں تبدیل ہو رہا ہوں۔کوئی دوسرا جو مجھ سے زیادہ زندہ ہے۔ مجھ سے زیادہ پر امید ہے۔ جس کا یقین رحمت الہی پر مجھ سے کہیں بڑھ کر ہے۔
	سوچنے کی بات یہ ہے کہ کیسے محض ایک لڑکی آپ کی ساری کائنات بدل دیتی ہے؟ اور اب آپ ایسی روشنی میں دنیا کو دیکھتے ہو کہ زندگی ایسے شاطر بہروپیے کا ہر روپ کھیل بچوں کا  نظر آتا ہے۔
	اور میں ابھی صرف ایک نظر کی بات کر رہا ہوں۔۔۔۔۔ اس لڑکی کی حیرت کدہ زیست کی محض ایک جھلک کی۔
	ایک چھوٹی سی درز جس نے میرے ہاتھیوں سے بڑے سوالوں کو خاموش کر دیا ہے۔ وہ ایک جواب ہے۔ ایک مکمل جواب۔۔۔۔۔ ہر اس سوال، ہر اس پہیلی کا جو کبھی میری زندگی پہ اتری تھی۔
	لیکن وہ اس سے بڑھ کر ہے ؟بھلا ایک مکمل جواب سے بڑھ کر بھی کوئی شے ہو سکتی ہے؟۔ میں تمہیں بتاتا ہوں کہ اس کی سب سے خاص بات کیا ہے؟
	وہ خود میں اک سوال ہے، ایک پہیلی ہے۔ سوال ایسا کہ جس کی ہر پرت میں حیرت کی دنیائیں چھپی ہوں۔ سوال شام میں گھنے جنگل جیسا۔ ذرا کھٹکا ہوا تو جس کی ہر شاخ سے درجنوں پرندے اڑتے ہیں۔ سوال ریگستان کی پیاس جیسا جو بارش کے ایک چھینٹے کو ہزاروں زندگیوں کے بچانے کا ذریعہ بنا دے۔
	اور سوال تو بہت ہیں وہاں۔ اس کے چہرے میں چھپی افسردگی سے اس کی آنکھوں کے کونوں سے جھانکتے خوابوں تک۔ ہر ایک سوال ایسا کہ پوری زندگی جسے کھوجنے میں گذار ڈالو تو زیاں کی سوچ تک نہ ابھرے۔
	اور مجھے سمجھ نہیں آتی کہ میں کیا کروں ؟ چاہتا تو یہ ہوں کہ میں ایک بھرپور زندگی گزار دوں اس کے غم کی ایک پرت کو سمجھنے میں۔
	کہ میں ایک زندگی بسر کروں اس کی آفاقی مسکراہٹ کے خمار میں جھومتے کہ میں ایک پوری زندگی اس کا ہاتھ تھامے گھومتا رہوں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مصر کے پر رونق بازاروں سے تبت کی خاموش جھیلوں تک میں ایک ایسی زندگی کا خواب ہی دیکھ پاؤں جس میں ہم صرف باتیں کر سکیں۔ سحر سے شام تک اور پھر شام سے سحر ہونے تک لیکن میں اپنی کم حیثیتی کو جانتا ہوں۔ میں بہت معمولی سا انسان ہوں۔۔۔۔۔۔۔ ایک معمولی انسان جسے ایک لمحے کی زندگی ملی ہے۔ اس ایک لمحے میں مجھے پیدا ہونا ہے، بڑا ہونا ہے، دوست بنانے ہیں، فرض ادا کرنے ہیں، خاندان بنانا ہے، مرنا ہے۔ سبھی ایک کانچ سے نازک لمحے میں۔
	مجھ سا عام انسان بھلا کیسے تم سے محبت کا دعوی کر سکتا ہے؟ اور اس سے زیادہ بنیادی سوال ہے کہ وہ خود کو یقین بھی کیسے دلا سکتا ہے کہ محبت ممکن بھی ہے؟
	یہ تو وہ سرزمین ہے جہاں منطق کے گھوڑے تھکنے لگتے ہیں۔ جہاں علم نام کا پالتو پرندہ اپنے اندر اٹھنے والی وحشت ناک صداؤں سے اکتا کر آپ کا ساتھ کسی جنگل کیلے چھوڑ جاتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جہاں ساری دنیا پیچھے رہ جاتی ہے اور رہ جاتا ہے تو بس ایک چہرہ۔
٭٭٭


اسے جانتی ہے تو صرف اس کی ماں۔۔۔۔
		
	گلی میں بیٹھی طوائف کو ہر شخص اپنے نکتہ نظر سے دیکھتا ہے۔۔۔۔۔۔۔ کسی کی ہوس میں لتھڑی آنکھوں کے لئے وہ ایک شوخ ادا حسینہ ہے، کسی نے مذہب کی عینک لگا کر دیکھا تو وہ سانپ بچھوؤں کے ہار اور کانٹوں کا تاج پہنے نظر آئی، کوئی قلم کار اسے ایسے درخت کی صورت دیکھتا ہے جس پر کہانیوں کے خوشنما پرندے بیٹھے ہیں اور کوئی سوشل ورکر ہے جس کے لئے وہ محض ایک کھوئی ہوئی بیچاری بھیڑ ہے جسے ہانک کر  ( اور چاہو تو زبردستی سے بھی) واپس باڑے میں بھیجنا ضروری ہے۔ 
	مگر اس بازاری لڑکی کو ان میں سے کوئی بھی نہیں جانتا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسے جانتی ہے تو بس ایک عورت جس نے خود پر اس سے ملنے کے ہر دروازے کو اس سختی سے بند کر رکھا ہے کہ بڑے سے بڑا طوفان بھی وہ دروازہ کھول نہیں سکتا۔ اس نے برسوں سے اپنی اس بیٹی کو نہیں دیکھا اور نہ ہی دیکھنا چاہتی ہے مگر وہ نہ چاہتے ہوئے بھی جانتی ہے۔ وہ جتنی بار بھی گھر سے نکلتی ہے تو نجانے کیوں اس کے قدم اسے گلی کی اس نکڑ تک لے جاتے ہیں جہاں سے اس بازار کو گاڑیاں ملتی ہیں۔ وہ کبھی ان گاڑیوں میں نہیں بیٹھتی۔ اسے تو لگتا ہے جیسے گلی کی اس نکڑ تک آ جانا بھی کوئی بہت بڑا گناہ ہو پر وہ ہر روز وہاں آتی ہے اور کم از کم ایک لمحے کو وہاں ٹھہرتی ضرور ہے۔ 
	وہ عورت جو نماز ختم ہونے پر دعا مانگنے کو ہاتھ اٹھاتی ہے تو جیسے ایک لمحے کو سب کچھ ساکت ہو جاتا ہے۔ وہ ہر دعا بھول جاتی ہے، اس کی نظروں کے سامنے سے اس کے دوسرے سارے بچے، اس کا شوہر تلک ہٹ جاتے ہیں جن کی محبت اس کی زندگی میں ایمان کی طرح شامل ہے، اسے گنبدِ خضری سے اٹھتی روشنی تلک بھول جاتی ہے اور ایک لمحے کو جیسے دنیا کی ہر شئے ایک کالی چادر کے پیچھے چھپ جاتی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بس ایک لمحے کو اور پھر وہ پوری قوت سے اس چادر کو نوچ پھینکتی ہے۔ مگر اتنے سالوں کے باوجود وہ اس ایک لمحے پر قابو نہیں پا سکی۔ اسے لگتا ہے جیسے دعا مانگنے کے سمے کوئی اس کے سامنے اپنی چادر لا پھینکتا ہے کہ ماں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تجھے میری چادر کا واسطہ میرے  لئے دعا ضرور کرنا۔ اس نے کبھی اپنی بیٹی کے لئے دعا نہیں کی۔ بیٹی التجا کرتی ہے اور پھر جیسے ماں کے ہاتھ کو خود ہی تھام کر اپنے سر پر پھیر لیتی ہے۔ ماں وہ ہاتھ جھٹک کر واپس کھینچ لیتی ہے مگر بیٹی کو پتہ ہوتا ہے کہ سیکنڈ کے ہزارویں حصے میں وہ ہاتھ اس کے سر پر تھا۔ اس سارے شرمندگی میں لتھڑے عمل کے بیچ ایک ساعت ایسی بھی تھی جب ماں نے واقعی اس کے سر پر ہاتھ روک لیا تھا۔ اندھیرے کی وہ کالی چادر ماں بیٹی دونوں کا بھرم رکھ لیتی ہے۔
	تو میں بتا رہا تھا کہ د نیا میں اس بازاری لڑکی کو اگر کوئی جانتا ہے تو وہ بوڑھی ماں جس نے اس کا منہ نہ دیکھنے کی قسم کھائی ہے۔ جس کے ہاتھ اس کے  لئے دعا کو نہیں اٹھتے۔ جس کے ذہن میں اس کی لڑکی کی شبیہ بھی بنے تو وہ سزا کے خوف سے سجدے میں گر جاتی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مگر وہ اس لڑکی کو جانتی ہے۔ اسے ابھی بھی یاد ہے کہ میٹھے بیسن کے حلوے کی سوندھی خوشبو پر وہ لڑکی پاگل ہو جاتی ہے، ٹین کی چھت پر بارش کی بوندوں کی ٹپ ٹپ پر اس لڑکی کا دل رقص کرتا ہے۔ اور یہ کہ رات کو سوتے ہوئے وہ ہڑبڑا کر اٹھ جاتی ہے۔ وہ تھی تو اٹھ کر اس کے کمرے میں جاتی اور اس کی پیشانی کو سہلاتے ہوئے آیت الکرسی پڑھتی اور اس کے سو جانے پر بھی نجانے کتنی دیر اسے دیکھا کرتی اور اب تو شاید اگر وہ لڑکی گھبرا کر اٹھتی بھی ہو گی تو ساتھ میں خراٹے لیتے ساہوکار کو خبر بھی نہ ہوتی ہو گی۔ وہ اپنے سہم سے لپٹی رات بھر جاگتی ہو گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ صرف وہ اس لڑکی کو جانتی ہے۔ اس طرح کہ جس طرح وہ ہے ورنہ باقی سب تو بہروپ میں کھوئے ہیں۔
٭٭٭



میرا رب عظیم ہے


	میرا رب بہت عظیم ہے۔
	اس لئے نہیں کہ اس نے کائنات کی تخلیق کی کہ یہ طاقت تو اب انسان ایسی کمزور مخلوق کی دسترس میں چلی آتی ہے۔ CERNکی لیباٹریوں میں آج ایک Controlled Big Bangکی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ وہ وقت بہت دور نہیں جب Genetic engineeringایک مکمل انسان تخلیق کر کے ہمارے سامنے لا کھڑا کرے گی۔ رحمِ مادر میں اپنی پسند کا بیج رکھنے کے قابل تو انسان آج بھی ہو گیا ہے۔
	اس لئے نہیں کہ وہ اس کائنات کو چلا رہا ہے، ہمیں رزق دے رہا ہے۔ وقت آنے والا ہے جب انسان چہار عناصر پر ایسی گرفت حاصل کر لے گا کہ سمندروں سے بادلوں کی فوج ریگستانوں پہ لا کھڑی کرے گا اور افریقہ کا ایک صحرا اتنا غلہ پیدا کرے گا کہ تمام دنیا کی سال بھر کی ضرورت کو کافی ہو گا۔
	اس لئے نہیں کہ وہ جب چاہے اس پوری دنیا کو تباہ کر سکتا ہے کہ یہ کام تو اب امریکی صدر (جو جوہری ہتھیاروں کے ڈھیر پہ بیٹھا ہے) آج بھی اپنی انگلی کے ایک اشارے سے کر سکتا ہے۔
	میرا رب عظیم ہے تو اس لئے کہ وہ معاف کر سکتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اس دنیا میں جہاں چند سر پھرے اگر Twin towersکو گراتے ہیں تو دنیا میں stock marketمیں اربوں مسلمانوں کے خون کا بھاؤ اتنا گر جاتا ہے کہ لاکھوں انسانوں کی جان لینے پربھی حساب چکتا نہیں ہوتا۔ اس دنیا میں جہاں ماں باپ اپنی بیٹی کا گلا صرف اس لئے کاٹ دیتے ہیں کہ اس نے اپنی مرضی سے شادی کا خواب دیکھا تھا۔ اس دنیا میں جہاں آج بھی پورے خاندان کو برہنہ کر کر شہر کی سڑکوں پر گھمایا جاتا ہے کیونکہ انکے لڑکے نے نظر اٹھا کر کسی وڈیرے سے اپنی مزدوری مانگنے کی جسارت کی تھی۔ اس دنیا میں جہاں ہم ایک امتحان میں دو نمبر کم لینے پر اپنے آپ کو معاف نہیں کرتے اور پھندہ ڈال کر خود کشی کر لیتے ہیں۔
	وہ اسی غیر منطقی دنیا میں ہمیں دیکھتا ہے، ہمارے گناہوں کی بھاری گٹھڑی کو دیکھتا ہے اور ایک مہربان مسکراہٹ کے جلو میں پکارتا ہے کہ آؤ! میرے پاس آؤ تاکہ تم معاف کر دیے جاؤ۔
٭٭٭

گڈریے کی آنکھ

	گڈریے کی آنکھ سے دیکھیں تو ہر بھیڑ خوبصورت ہے۔وہ بھیڑ بھی جو اپنی سرشت کی موٹی کھال نوچ پھینک کر کسی پالتو کتے کی سی محبت سے سارا دن اس کے پیچھے پیچھے گھومتی ہے۔
	اور وہ بھیڑ بھی، شرارت جس کے جسم میں ساون کی بارش کی طرح امڈی چلی آتی ہے۔ اسے تو بس نوکیلے پتھروں پر قدم جماتے ہوئے پہاڑ کے نیچے جھانکنا ہی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔یہ سوچے بنا کہ ہوا کا ننھا سا جھونکا، اس کا لیا ایک بھی تیز سانس اسے سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں گرانے کو کافی ہے مگر پھر بھی بس اسے دیکھنا ہے۔ 
	اور وہ بھیڑ جو اتنی سیدھی ہے کہ ایک چیونٹی کی سی تندہی سے گھاس چرتے ہوئے آگے بڑھی چلی جاتی ہیں یہاں تک کہ جھیل کا یخ بستہ پانی اس کے چہرے کو بھگو دیتا ہے (وہ ہڑبڑا کر چہرے کو گھماتی ہے اور پھر ایک لمحے کے توقف کے بنا گھاس چرتی دوسری سمت نکل جاتی ہے)۔
	گڈریے کی آنکھ سے دیکھیں تو وہ بھیڑیں نہیں اس کی زندگی ہیں۔۔۔۔۔۔۔وہ کام جس کے  لئے اس کے رب نے اسے پیدا کیا۔ بھلے دیکھنے یہ کام کیسا بھی بے حقیقت نظر آتا ہو مگر یہ ہے بہت قیمتی۔ اگر قیمتی نہ ہوتا تو بھلا کیوں اس کا باپ اسے سینچنے کے لئے عمر بھر بھاری بوریاں اٹھاتا مر گیا اور بھلا کیوں اس کی ماں نو ماہ تک اسے اپنے شکم میں اٹھائے لوگوں کے گھروں میں کام کرتے رہتی۔ یہ کام یقیناً بہت اہم ہے۔ یہ زندگی یقیناً بہت قیمتی ہے۔ وہ آج یہ راز جانتا نہیں مگر وہ دن دور نہیں جب سب راز کھول دیے جائیں گے۔ اور اس دن کے انتظار کا سب سے خوبصورت طریقہ یہی ہے کہ اپنی بھیڑوں کی خوبصورتی میں کھوئے ہوئے ان کی خدمت میں لگا رہے۔
٭٭٭


بے حقیقت

	کیسے ممکن ہے؟میں تمام دن انکے سامنے کھڑا تھا اور انہوں نے مجھے دیکھا ہی نہیں۔
	کیا میں اتنا بے حقیقت ہوں ؟ اور مجھے کیوں گندی نالیوں میں پھڑپھڑاتی مرغیوں سے لے کر اس لڑکی کی آنکھوں کے آنسو تلک محسوس ہوتے ہیں۔ میں انہیں ایسے تو محسوس نہیں کر تا جیسے صحرا میں آپ کے گرد ارب ہا ذرات پڑے ہوں۔بے حقیقت،بے شناخت، بے مصرف۔
	نہیں۔۔۔۔۔۔میں تو انہیں ایسے محسوس کرتا ہوں جیسے محبوبہ کی آنکھوں کے سامنے پڑنے والا تھپڑ محسوس ہوتا ہے۔۔۔۔۔میں تو نالی کے گندے پانی میں اپنے پروں کو بھگتا محسوس کرتا ہوں (اور عجیب بات ہے کہ میرے پر نہیں ہیں )۔
	ایسا کیوں ہے؟ اتنے خلوص، اتنی شدت سے محسوس کرنے کے باوجود میں کیوں بے حقیقت ہوں ؟
٭٭٭


عیب دار نفس	

	میں نے اپنے نفس سے کہا کہ اللہ نے مجھے قربانی کا حکم دیا ہے۔نفس نے بچنے کی کوشش کی، حجتیں پیش کیں، دلیلیں دیں کہ خدا کی منشا اصل میں کوئی اور ہے۔بہت ممکن تھا کہ میں ایک مرتبہ پھر اس کے پھندے میں جا گرتا پر میں ایک بے ثمر زندگی سے اکتا چکا تھا اس لئے سب باتیں سنی ان سنی کر کے اسے گردن سے دبوچ لیا اور کعبے کو روانہ ہو گیا۔
	وہ تمام راستہ بولتا رہا۔مجھے سمجھاتا رہا کہ اپنے خاندان کا سوچو، تمہارے بچے ابھی چھوٹے ہیں اور ماں باپ اس بڑھاپے میں کہاں جائیں گے۔ وہ بولتا رہا یہاں تک کہ میں نے تنگ آ کر اپنے کانوں میں روئی ٹھونس لی اور اونچی آواز میں تلبیہ پڑھنے لگا۔
	قربانی کا وقت آیا تو ایک لمبی قطار تھی۔میں خاموشی سے انتظار کرتا رہا۔ میرا نفس اب کچھ کہ نہیں رہا تھا مگر اس کی آنکھوں میں ایک بہت بڑا خوف پھنکاریں مارتا تھا۔جب میں مقررہ جگہ پر پہنچا تو ایک ندا آئی ’’اپنے نفس کو واپس لے جا کہ عیب دار قربانی ہمیں قبول نہیں ‘‘۔اس دن مجھے خبر ہوئی کہ اس دنیا میں شرمساری سے بڑا کوئی بوجھ نہیں ہوتا۔ میں نظریں جھکائے خاموشی سے واپسی کی طرف چل پڑا۔نفس اب کسی سلجھے ہوئے بچے کی طرح بڑی خاموشی سے میرے پیچھے پیچھے چلتا تھا۔ ہاں کبھی کبھی مجھے تسلی دینے کی کوشش کرتا یہ کہ کر کہ ہم پھر آئیں گے۔میں اپنے عیب دور کر دوں گا۔ کیا کریں زبردستی کی قربانی تو قبول نہیں ہوتی نہ۔
٭٭٭


حسن

	جیسے یہ نظریہ کہ میک اپ خوبصورتی کو نکھار سکتا ہے،ہمارے طرزِ زندگی کو ہمیشہ کے لئے بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اب ہر لڑکی کو ایک گھنٹہ اور چاہیے ہو گا کسی اہم تقریب کے لئے تیار ہونے میں (ایک گھنٹہ۔۔۔۔۔میں جانتا ہوں کہ میں نے بہت کم کہا ہے)۔لیکن زندگی کے ہر دن سے نکالا ہوا یہ ایک گھنٹہ حسنِ حقیقی میں رتی بھر بھی اضافہ نہیں کر سکتا۔یہ تو بس اس حسن کو ڈھانپ سکتا ہے،چھپا سکتا ہے۔۔۔۔۔۔اسے جسے خالق نے نمائش کے لئے پیدا کیا ہے۔اب اگر کوئی کہتا ہے کہ بغیر میک اپ کے چہرہ خوبصورت نہیں ہو سکتا تو اسے اپنے تصورِ حسن پر نظرِ ثانی کرنا ہو گی۔اگر ہم حقیقت کی بجائے کسی سراب میں زیادہ کشش محسوس کرنے لگے ہیں تو ہمیں صحتِ معیار کا تجزیہ کرنا چاہیے۔
	کون کہتا ہے کہ سچ کڑوا، کریہہ اور نہ سمجھ میں آنے والا ہوتا ہے۔یہ تو بس تہذیب کے بھیانک اندھیروں میں بہت دیر رہنے کا نتیجہ ہے کہ ہم روشنی پر اپنی آنکھیں کھول نہیں پاتے۔یہاں ہم گویا جمالیات کا پہلا سبق ہی فراموش کرتے جا رہے ہیں۔خوبصورتی کو مقید نہیں کیا جا سکتا کسی بھی شکل، کسی بھی رنگ،کسی بھی جسم میں۔۔۔۔۔۔حسن ایک منہ زور دریا ہے جو سنگلاخ پہاڑوں اور بے شکل پتھروں کے بیچ سے نکلتا ہے۔حسن تو ہزاروں تضادات کے ٹکراؤ سے پیدا ہوتا ہے۔پانی کا ایک قطرہ ہر سمندر کی اکائی ہے مگر کسی قطرے میں یہ طاقت نہیں ہے کہ وہ سمندروں کو کنٹرول کر سکے (خواہ وہ قطرہ کیسا ہی مکمل کیوں نہ ہو۔۔۔۔اور قطرہ تو ہر ایک مکمل ہوا کرتا ہے۔بہترین صورت میں ڈھلا)۔یہ تو ارب ہا قطروں کا ایک کارواں ہے جس نے سمندر کا بھیس بدل رکھا ہے۔
	سو حسن زندگی کی کچھ جہات کو نظر انداز کرنے کا نام نہیں ہے۔حسن کچھ چھپانے کا نام نہیں ہے۔۔۔۔۔حسن تو ہر چیز کو اس کی اصل حیثیت میں جاننے کا نام ہے۔حسن تو دیکھنے والی آنکھ میں ہوتا ہوتا ہے اور دنیا میں سچائی سے خوبصورت کوئی شئے نہیں۔مگر ہر ایک اتنا خوش قسمت کہاں ہے کہ یہ نکتہ سمجھ سکے۔
	’’انجیر ہر پرندے کی خوراک نہیں ہوتی‘‘۔۔۔۔۔۔۔۔ مولانا روم
٭٭٭

محبت وہ ہے جو میرا رب کرتا ہے۔۔۔

	وہ بہت بڑا بہروپیا ہے۔ ایک اتھاہ خلا میں خلا کی چادر اوڑھے بیٹھا ہے۔ ڈھونڈنے نکلو تو زندگیاں ختم ہو جائیں پر اس کا نشاں تلک نہ ملے اور چھپنا چاہو تو گلی کی نکڑ سے کچھ ایسی بے تکلفی سے صدائیں لگاتا ہے جیسے ہمارے بیچ کوئی فاصلہ کبھی تھا ہی نہیں۔
	ہمیں درخت کے بیچ رکھ کر کند آرے سے کاٹا جائے یا پھر پورے خاندان کے ساتھ زندہ جلا دیا جائے۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وہ شکر سے کم کسی شئے پر مانتا ہی نہیں۔ 
	اس سے محبت کے دعویداروں کو نوید ہو کہ وہ بے نیاز ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تم تمام عمر اس کی کھڑکی کے سامنے  پھولوں کے ڈھیر جمع کرتے رہو تو وہ شاید تمہیں اِک جھلک دکھلانے کا بھی سزاوار نہ سمجھے۔ تمہاری عمر بھر کی ریاضتیں، تمہاری عبادتوں سے لتھڑی ہوئی آنکھیں، تمہاری قربانیوں کے گھنگھور بادل۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تمہیں اتنا حق بھی نہیں دیتے کہ تم معاف ہی کر دیے جاؤ۔ اور اس کی نگاہِ التفات تو ہے ہی ایسی متاع کہ جس کا خواب بھی دیکھنا تمہاری اوقات نہیں۔
	وہ جان دیتا ہے تو حق ہے۔ وہ جان لیتا ہے تو حق ہے۔ عمر بھر کی رنگین اور گناہ آلودہ زندگی گذارنے پر وہ کسی کو جنت میں اعلی ترین مقام دے دے تو اس کی محبت ہے اور تمام عمر اللہ کی چاہت  میں غربت و افلاس کے تھپیڑے صبر سے کھانے والے کے لئے جہنم کا دروازہ کھول ڈالے تو یہ بھی محبت ہے۔ مجھ سے کیا پوچھتے ہو کہ حق کیا ہے، محبت کیا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ حق وہ ہے جو میرا رب چاہے۔ محبت وہ ہے جو میرا رب کرتا ہے۔
	اور وہ جو جھولیاں اٹھا اٹھا کر میرے رب سے انصاف مانگتے ہیں انہیں خبر دے دو کہ انصاف کی ایک بوند بھی اگر آسمانِ دنیا پر رحمتِ الٰہی کی مٹھیوں سے چھلک جاتی تو اس کرہ ارض پر آج ایک بھی ذی روح سانس نہ لیتا ہوتا۔۔۔۔ ہم مٹی کے بے حقیقت پتلے اپنی نفسانی خواہشات کے دبیز پردوں سے انصاف کو نہیں دیکھ سکتے۔ انصاف تو بس وہ ہے جو میرا رب کرتا ہے۔
	جب ہمارا تین سال کا اکلوتا بیٹا دوا نہ ملنے پر تڑپ تڑپ کر مر جاتا ہے تو یہ عین انصاف ہے اور ٹھیک اسی وقت اگر پڑوسی اپنی دولت کے بل بوتے پر قتل کے مقدمے سے چھوٹ جاتا ہے تو یہ بھی انصاف ہے۔
	مجھ سے کیا پوچھتے ہو کہ انصاف کیا ہے؟ انصاف وہ ہے جو میرا رب کرتا ہے۔ اور اس دنیا میں بھلا کیا ہے جو میرا رب نہیں کرتا؟ ہر شئے اسی کی عطا ہے۔ اور عطا ایسی نعمت ہے کہ جو فقیروں کو پل بھر میں جاگیردار بنا دے پر ساتھ ہی عطا کوئی حق نہیں جسے قاضیوں کی عدالتوں، بادشاہوں کے درباروں میں زبردستی مانگ لیا جائے۔
	جب بتا دیا گیا ہے کہ دنیا دھوکہ ہے تو یقین کر لو کہ سورج سورج نہیں ہے، ہوا ہوا نہیں ہے۔ سمندر، عمارتوں اور جانوروں کی تو بساط ہی کیا ہے ہم بھی ہم نہیں ہیں۔ کسے خبر کہ ایک بہت بڑا کھیل کھیلا جا رہا ہو اور ہم گویا اسٹیج پر تھرکتی پتلیاں ہوں۔ ہم ناچ سکتے ہیں۔ ہماری زندگی سے قریب آوازیں لوگوں کو ہمارے ہونے کا گماں بھی دلا سکتی ہیں لیکن تھیٹر کی بتیاں بجھانے کے بعد ہم سب پتلوں کو ایک اندھیرے کمرے میں رکھے آہنی بکسے میں ڈال دیا جائے گا اور کچھ اس شان سے کہ دن بھر کے جانی دشمن رات بھر ایک دوسرے سے لپٹے رہیں گے۔ بادشاہ کا پتلا ایسے پڑا ہو گا کہ اس کی کلاہ کسی دہقان کے قدموں میں پڑی ہو گی۔
	اور ہم بے حقیقت، دھوکے کے سمندر میں تیرتے کیچوے انصاف اور محبت کی باتیں کرتے ہیں۔ خاموش ہو جاؤ کہ محبت و انصاف بس وہ ہیں جو میرا رب کرتا ہے۔  اگر تم میں طاقت ہے تو زور لگاؤ اور اس محبت و انصاف میں گندھی کائنات کی حدوں سے باہر نکل جاؤ۔ پر تم ایسا نہیں کر سکو گے (یقیناً تم ایسا نہیں کر سکو گے)۔ تو کم از کم ایک بار تو زندگی میں اس کی محبت کو اس طرح محسوس کرو جیسے محسوس کرنے کا حق ہے۔ ایک دفعہ تو اس کے بے داغ انصاف کے آگے سر نہیں دل بھی جھکا دو جیسے کہ مان جانے کا حق ہے۔ ٭٭٭


بوڑھا اور تنہائی

	
	میں ہمیشہ اس سے کہتا تھا کہ ہم اکٹھے بوڑھے ہوں گے۔کتنا پاگل تھا میں۔بھلا اس سے کوئی فرق پڑتا کہ اگر ہم دونوں اس کمرے میں پڑے ہوتے۔بوڑھا ہونا تو اپنے آپ میں اکیلا ہونا ہے۔
٭٭٭


انگور کی بیلوں میں چھپی لڑکی

	کوئی تھا۔میری بوسیدہ سی کھڑکی کے نیچے انگور کی بیلوں کے تلے۔کوئی جس کے سانسوں کی دھمک میرے کواڑوں کو پنڈولم سا گھماتی تھی۔جس کے پہناؤں سے اٹھتی شوخی سبز پتوں سے پھسل کر میری دیوار پہ لہراتی تھی۔کوئی تھا میری بوسیدہ سی کھڑکی کے نیچے انگور کی بیلوں کے تلے۔
	کوئی سکھیوں سے چھپ کر بیٹھی معصوم سی بچی جو دبے پاؤں میرے صحن میں آئی ہو گی۔اور ڈھونڈ  لئے جانے کا ڈر بلی کے سہمے بچے کی طرح جس کے جسم سے لپٹا ہو گا۔
	غم نہ کر اے ننھی بچی۔ڈھونڈ لیا جانا ایسی بری بات نہیں۔بری بات تو یہ ہے کہ تیری سکھیاں کھیل سے اکتا کر گھر کو چلی جائیں اور انگور کی بیلوں میں چھپی لڑکی چڑھتے سناٹے اور ہولاتے اندھیرے میں اپنے سایوں سے سمٹ جائے۔
	رات کے سائے گہرے ہوئے جاتے ہیں۔میں اب بھی انگور کی بیلوں میں سرسراہٹیں سنتا ہوں۔کیا جانئے ہوا ہے یا وہی بچی۔میں نہیں جانتا۔۔۔۔کیوں رات کی اس سنسان گھڑی میں گرم بستر اور بھاپ اڑاتی کافی چھوڑ کر ایسی بچی کی کھوج میں سیڑھیاں اتروں جو شاید کبھی آئی ہی نہیں تھی۔کیا جانئے ہوا ہو اب بھی۔کیا جانئے ہوا ہو تب بھی۔ہوا ایسے کھیل تو کھیلا ہی کرتی ہے۔
	اگلی صبح میری بوسیدہ سی کھڑکی کے نیچے انگور کی بیلوں کے تلے کوئی جنبش، کسی حرکت کا سایہ۔۔۔۔۔کچھ بھی نہ تھا۔کیا خبر رات کی تاریکی میں اِک سکھی اسے ڈھونڈنے آ نکلی ہو۔یا پھر کسے خبر کہ انگور کی بیلوں کے تلے کسی انجانی دنیا کا دروازہ کھلتا ہو (میں جس سے ہمیشہ نا آشنا رہا) اور وہ بچی اِک نئی دنیا کی سیر میں کھوئی ہو۔کون جانے رات بھر سناٹوں سے لڑ لڑ کر چھوٹے کنکر ہاتھ میں  لئے وہ اب گہری نیند میں سوتی ہو۔یا پھر کیا جانئے آج ہوا ہی ٹھہری ہو۔
	میں کیسے جانوں۔کیونکر اس بچی کی کھوج میں سیڑھیاں اتروں جو شاید کبھی آئی ہی نہیں تھی۔میری کھڑکی، میری انگور کی بیل، میرا باغیچہ میرے پاس رہے۔۔۔۔میرے پاس رہیں گے۔مگر بلی کے بچے کی طرح ڈر کو لپٹائے شوخ رنگوں میں گھری ایک بچی میری زندگی میں کبھی نہ آئے گی۔
٭٭٭


گدھ

	وہ جیسے کوئی گدھ تھا جو صحرا میں چلتے شخص کو دیکھ کر اس کے ساتھ اڑنے لگا تھا۔ یہ سوچ کر کہ ابھی وہ شخص گرے گا اور جب وہ گرے گا تو اس کے دانت اس کے جسم میں پیوست ہونے کو بالکل تیار ہوں گے۔میں نہیں مانتا کہ گدھ صحراؤں میں،بیابانوں میں رہتے ہیں۔ایسی جگہوں پرتو وہ بھوکے مارے جائیں۔ نہیں جناب۔۔۔۔۔۔یہ گدھ آبادیوں کے آخری سرے پر رہتے ہیں اور جب ہم انہیں بے نیازی سے کسی خشک ہوتے ہوئے درخت کی ٹہنی پر بیٹھے دیکھتے ہیں تو کبھی سوچ بھی نہیں پاتے کہ وہ ہماری ہر حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔جیسے ہی ہمارے قدم ان صحراؤں، ان ویرانوں کی طرف اٹھتے ہیں ان کے خون میں ایک گرمی کی لہر دوڑ جاتی ہے اور پھر وہ آہستہ آہستہ، بہت محتاط انداز میں ہمارا تعاقب کرنے لگتے ہیں۔وہ کبھی اپنے شکار کو panicمیں مبتلا نہیں کرتے (مبادا وہ واپس ہی نہ مڑ جائے)اور بڑی شائیستگی سے اس کا پیچھا کرتے ہیں۔تو ہم انہیں کبھی دیکھ نہیں پاتے یہاں تک کہ دنوں کے سفر کے بعد ہم بھٹک جاتے ہیں اور پیاس سے ہمارے ہونٹوں پر پپڑی جمنے لگتی ہے اور آنکھوں کے سامنے سراب ناچنے لگتے ہیں اور ایسے میں ہم پہلی بار انہیں اپنے سر پر منڈلاتے دیکھتے ہیں۔ہاں مگر اب بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے۔ وہ چاہتے تو اب بھی ہماری آنکھوں سے اوجھل رہ سکتے تھے مگر وہ سامنے آتے ہیں تاکہ ہم اب panicہو جائیں اور اپنے جسم میں چھپی بچی کھچی طاقت کو استعمال کر ڈالیں۔
	تو ہم انہیں پہلی بار دیکھ پاتے ہیں اس وقت جب ہماری آنکھیں ٹھیک طرح سے دیکھنے کے قابل نہیں رہتیں۔وگرنہ تو وہ شہر سے ہی ہمارے ساتھ چلے تھے۔اگر شہر سے نکلتے ہوئے ہم تھوڑی دیر کو اپنی خواب آور آنکھوں کو بند کر سکتے تو ہم بڑی آسانی سے انہیں دیکھ سکتے تھے۔پر ہم ایسا نہیں کرتے۔ہم انہیں نہیں دیکھ پاتے، دیکھتے بھی ہیں تو سمجھ نہیں پاتے اور چند بیوقوف پرندے جان کر آگے چلتے رہتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔کاش کہ مسافر یہ جان سکتے کہ گدھ ہرمسافر کے ساتھ سفر نہیں کرتے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔وہ جانتے ہیں۔ہمارے چہروں پر لکھی موت کو پڑھ سکتے ہیں۔جیسے تمہیں اللہ نے زندگی دیکھنے کی طاقت دی ہے اور تم چیزوں کو دیکھ کر جان لیتے ہو کہ کیسے زمین کی کوکھ میں پھینکا گندم کا دانہ تمہیں خوراک دے سکتا ہے، کیسے چیڑھ کے سینکڑوں فٹ اونچے پیڑ پر لگی کون کے اندر طاقت بخشنے والے چلغوزے رکھے ہیں۔جیسے تم زندگی کو جان لیتے ہو ایسے ہی ان میں موت کو دیکھنے کی طاقت رکھ دی گئی ہے۔کہتے ہیں کہ موت زندگی بھر ہمارے ساتھ ساتھ چلتی ہے۔اس بچے کی طرح بھاگ بھاگ کر جو میلے میں جاتے ہوئے باپ کے ساتھ قدم ملانے کی کوشش کرتا ہے اور اپنے چھوٹے قدموں کی وجہ سے پہنچ نہیں پاتا۔بس چند قدم پیچھے چلتا رہتا ہے۔ پر جب میلہ آ جاتا ہے تو وہ بے اختیاری میں باپ سے بھی تھوڑا آگے نکل جاتا ہے۔۔۔۔تو موت بھی اس آخری لمحہ میں بے خودی کے عالم میں ہم سے کچھ آگے نکل جاتی ہے۔۔۔۔یہ گدھ  اسے دیکھنے کی طاقت رکھتے ہیں۔
٭٭٭


مقدس پہاڑ کو جانے والے راستے

	مقدس پہاڑ کو جانے والے راستے پر خطر ہیں، لامتناہی ہیں، ناممکن ہیں۔ جا بجا ان پر زائرین کی ہڈیاں بکھری ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ان زائرین کی ہڈیاں جو اس پہاڑ کی چاہت میں دور دیسوں میں روتی آنکھیں، سرسبز کھلیان، بھاگتے بچے، آرام دہ گھر چھوڑ آئے تھے۔ ہڈیاں جو ہر نئے مسافرکا پتہ پانی کئے دیتی ہیں۔
	مگر پہاڑ کی طرف جاتے زائرین کی مشعلوں کے سانپ قافلے اور پہاڑ کی چوٹی پر رنگ و نور کی برسات کچھ اور ہی کہانی سناتی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کتنی عجیب بات ہے کہ ایسے مشکل راستے اور پھر بھی ہر رات دیوانوں کا ایک نیا قافلہ مشعلیں اٹھائے چوٹی پر جاری جشن کا حصہ بن جاتا ہے۔
	اے مسافرنہ اپنے کمزور جسم کو دیکھ، نہ مشعل کی تھرتھراتی لو کو، نہ ساتھ چھوڑتے ہمراہیوں کی فکر کر اور نہ لامتناہی راستوں پر رقصاں پرہول اندھیرے پر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  یہ سب کوئی پیمانہ نہیں ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ کوئی طاقتور، کوئی عالم، کوئی بزنس مین،کوئی جنگجو، کوئی حکمران اس دربار میں نہیں پہنچ سکتا کہ وہاں طاقت، علم، دولت، رتبہ سوائے اس کے کسی کو سزاوار نہیں۔ تو کوئی طاقتور وہاں نہیں پہنچے گا یہاں تک کہ وہ کمزور ہو جائے، کوئی حکمران وہاں نہیں پہنچ گئے یہاں تک کہ اسے فقیر کر دیا جائے، کوئی جنگجو وہاں نہیں پہنچے گا یہاں تک کہ اس کے آنسو اس کے جسم کی ساری سختی کو دھو ڈالیں، کوئی قافلہ وہاں نہیں پہنچے گا یہاں تک کہ اس کے ہر مسافر کو اکیلا کر دیا جائے۔ 
	اس نگر کے دربان بڑے سخت ہیں۔ سوائے عاشق کے وہاں کسی کو حاضری کی اجازت نہیں۔ تو اے مسافر تو اپنے توشہ، اپنی کمزوری، اپنی جہالت، اپنی غربت، اپنے اکیلے پن کو دیکھ کر مایوس نہ ہو۔ بس گردن جھکا کر اپنے دل میں دبی اس آگ پر نظر کر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پر گر وہ آگ بھی نہیں ہے تو بہتر ہے کہ تو اپنے مخملیں بستر اور ریشمی بانہوں والی حسینہ کو چھوڑ کر اس راہ پر نکلنے کا سوچ بھی نہیں۔ بنا اس آگ کے تو ٹھٹھر ٹھٹھر کر دم توڑ دے گا۔
	اے مسافر تو پہاڑوں کو جانے والے راستوں کی ہولناکیوں کو نہ دیکھ اس ندا کو دیکھ جو تجھے اپنی طرف بلاتی ہے۔ کسے خبر کہ یہ سب سفر ہی ایک امتحان ٹھہرے (ویسے بھی بھلا کون لامتناہی فاصلے طے کر سکتا ہے؟)۔ کسے خبر کہ یہ سب بس کھیل ہی ہو۔ اور کسی مہرباں لمحے گھنی رات کے بیچ رحمت حق مسکراتی ہو اور زائرین کو جسم کی چادر اتار پھینکنے کی اجازت مل جاتی ہو تاکہ وہ چشم زدن میں پہاڑ پر پہنچ جائیں۔
	کسے خبر یہ ہڈیاں تو ان پروں کی مانند ہوں جو پرواز سے پہلے پرندے کے جسم سے جھڑتے ہیں۔ کسے خبر وہ ہڈیاں سانپ کی کینچلی کی مانند ہوں جسے اتار کر تم ایک نئے جسم کے ساتھ اپنے محبوب سے ملنے چلے جاتے ہو۔
٭٭٭


قصابوں کی جنت

	اس فیکٹری کی فضا میں ایک خاص طرح کی بو تھی۔بو جو اتنے سالوں میں بھی کم نہ ہو سکی تھی۔شاید کوئی بہت طاقتور قسم کا کیمیکل ویسٹ تھا جو اس زمین رچ بس گیا تھا۔لڑکے جو اس بو کی ماہیت سے نا آشنا تھے،اسے خون کی بوسمجھتے تھے۔بادی النظر میں اس کی وجہ تو فرش پر پڑے وہ دھبے تھے جو اب کالے ہو چکے تھے۔پر حقیقت یہی ہے کہ وہ عمر ہی ایسی تھی۔وہ عجیب دور تھا جس کا تانا گر حقیقت تھی تو بانا دیو مالائی داستانیں۔پھر لڑکوں میں سے کسی نے اصل خون کبھی دیکھا بھی کہاں تھا؟انہیں تو عید الاضحیٰ پر قربانی کرتے ہوئے بھی ادھر ادھر کر دیا جاتا تھا۔اور خون کے چھوٹے موٹے قطرے وہ جن سے تھوڑا بہت واقف تھے کوئی بہت fascinatingچیز نہیں تھے۔اب بھلا گھٹنا چھلنے پر شبنم کی مانند ابھرنے والے قطرے بھلا کیا بتا پاتے؟ویسے بھی درد و کرب کی ان گھڑیوں میں جب ساری دنیا ان پر آن گرتی محسوس ہوتی تھی تو کسے فرصت کہ ایسی چیزوں پر غور کر سکے۔
	بہرحال اس علاقے کا ہر بچہ اسے خون کی بو ہی قرار دیتا تھا۔یہ بات تو اب اتنی مشہور ہو گئی تھی کہ سب بڑے بھی اس پر یقین کرتے تھے۔میں تب کئی بار سوچتا تھا کہ وہ سب بڑے بھلا کیوں ایسی غیر منطقی باتوں کو ماننے لگے تھے مگر آج جان گیا تھا کہ یہ سوال کبھی کسی بڑے کے سامنے رکھا ہی نہیں گیا تھا۔یہ تو بچوں کا احساس تھا جسے  لئے  لئے ایک نسل بڑھاپے کے دروازے پر دستک دیتی تھی۔ان میں سے کئی اب بڑی بڑی داڑھی مونچھیں سجائے بڑی متانت سے شہر میں چلتے تھے مگر اس فیکٹری کو دیکھ کر اب بھی ان کے جسم میں سنسنی کی وہی لہر دوڑ جاتی تھی جیسی وہ بچپن میں محسوس کرتے تھے۔فیکٹری اور اس سے جڑی ساری داستانیں اس علاقے کے اجتماعی شعور کا حصہ بن چکی تھیں اور کون بھلا شعور کو منطق کے کٹہرے میں کھڑا کر سکتا ہے؟
	رہا یہ سوال کہ اسے سب ’’قصابوں کی جنت ‘‘ہی کیوں پکارتے تھے؟اس کی وضاحتیں دریا کے پانیوں میں تیرتی مچھلیوں کی طرح بے شمار تھیں۔آپ کواس علاقے میں ایسے لوگ بے شمار مل جائیں گے جنہوں نے اس عمارت میں بڑی بڑی چھریاں  لئے قصابوں کو گھومتے دیکھا تھا۔ ایسے بچے بے شمار تھے جنہوں نے جانوروں کی تکلیف دہ خرخراہٹیں سنی تھیں جیسی وہ ذبح ہوتے ہوئے نکالتے ہیں۔گو ان میں سے کسی نے کبھی عام زندگی میں جانوروں کو ذبح ہوتے تو نہ دیکھا تھا پر انہیں یقین تھا کہ چھری پھرتے ہی خون کے فوارے ابل پڑتے ہوں گے اور جانور تکلیف دہ آواز میں تڑپتے ہوں گے۔
	میں بھی اس سب پر یقین کرتا تھا گو سچ یہی تھا کہ میں نے کبھی بھی اس پرانی عمارت میں زندگی سے ماورا کوئی شئے نہ دیکھی تھی۔ہاں مگر ایک احساس جو ان خالی کمروں میں گھومتے ہوئے بے تحاشا ہوتا تھا۔ایک کیفیت جو فرش پر پڑے سرخ دھبوں کو دیکھ کر دل میں بے محابا اترتی تھی۔۔۔۔۔ایک ویران فیکٹری،فرش پر لگے سرخ دھبے اور کسی تنہا بچے کی آنکھ۔ بہت ممکن ہے کہ اس عمارت سے وابستہ سب کہانیاں اسی مثلث سے نکلی ہوں۔پر یہ اب ہم جان نہیں سکتے۔ایک مرتبہ جب کہانی کی کرنیں اپنے سورج سے جدا ہوتی ہیں تو پھر کروڑوں نوری سال دور زمینیں بھی ان کی دسترس سے باہر نہیں رہ پاتیں۔کہانی کوئی صبح کا بھولا نہیں جو شام کو گھر واپس آ سکے۔کہانی رک نہیں سکتی۔وہ ارد گرد کی فضا میں دبی بے چینیوں سے،لوگوں کے دلوں میں مچلتے چھوٹے چھوٹے خوابوں سے،سوکھے پتوں کے بیچ سرسراتی ہوا سے طاقتور ہوتی چلی جاتی ہے۔اور پھر ایک وقت ایسا بھی آتا ہے جب قصبے کا ہر با شعور آدمی اس عمارت کے قریب جانے سے گھبرانے لگتا ہے اور یوں ایک سیدھی سادھی عمارت ’’قصابوں کی جنت‘‘ میں ڈھل جاتی ہے۔
	جو بات اس عمارت کے لئے صحیح ہے وہ انسانوں پہ بھی لاگو ہوتی ہے۔ہم انسان بھی ایسی ہی کہانیوں کے غلام ہیں۔یہ کہانیاں شروع تو ہمارے دل میں دبی کسی خواہش،ہماری آنکھوں میں چھپے کسی خواب سے ہوتیں ہیں مگر وقت کے جلو میں بھاگتے بھاگتے اتنی طاقتور ہو جاتی ہیں کہ راہ میں آنے والی ہر شئے کو تباہ و برباد کرتی جاتی ہیں اور اس disaster کی پہلیcasualtyہماری اپنی ذات ہوتی ہے۔
	یہ بہرحال میری توجیہ تھی۔ وہ جسے اس عمر میں بھی ہر شئے کے پیچھے چھپی منطق ڈھونڈنے کی خواہش رہتی تھی۔ورنہ دوسرے لوگوں کے لئے تو وہ سب بڑی معمول کی بات تھی۔’’قصابوں کی جنت‘‘ بھی سفید چونے سے چمکتی سکول کی عمارت کی طرح قصبے کا بس ایک حصہ تھی۔تو یہ دوسرے لوگ ہر صبح اس عمارت کے قریب سے گزرتے تھے۔۔۔۔۔وہ عمارت جس کے اندر لاکھوں اسرار چھپے تھے۔۔۔۔۔اور پھر بڑی سادگی سے چھوٹے چھوٹے کامو ں میں جت جاتے تھے۔چھوٹے چھوٹے کام جیسے وہ فیکٹری سے تھوڑا دور ایک درخت کے نیچے جوتے گانٹھتا عبد الرشید۔وہ دس سال سے سر جھکائے جوتوں کی سلائی کئے جا رہا تھا اور اس سے تھوڑی دور ایک ایسی فیکٹری تھی جہاں زندگی سے بھی بڑا ایک بھید لہریں مارتا تھا۔وہ پورا علاقہ ایسے ہی عبد الرشیدوں سے بھرا پڑا تھا۔
٭٭٭


وراثت


	میری کتابیں شہر کی اکلوتی لائبریری کے لئے ہیں، میرے کپڑے رات بھر گلی میں چکر لگاتا چوکیدار پہنے گا،میری موٹی پڑھنے کی عینک سے بچے دھوپ میں کاغذ جلانے کا کھیل کھیلیں گے، میرا کمرہ دھلوا کر گیسٹ روم بنا دیا جائے گا، میرا جسم چیونٹیوں اور مکوڑوں کی ضیافت ٹھہرے گا، میری یادیں پوری دنیا سے سمٹ کر دو بوڑھی آنکھوں میں بسیرا کر لیں گی، پر میرے خواب۔۔۔۔۔
	میرے خواب محبت، فرض، رشتوں اور نجانے ایسے کتنے شریر ہاتھوں سے پھسلتے، ہیلیم بھرے غبارے کی طرح کہیں اوپر اڑ جائیں گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔ایسی دنیا کی طرف جس کے ایک دروازے پر  ہمیشہ سے میرے نام کی تختی لگی تھی۔
٭٭٭


گڈریوں کا گڈریا


	گڈریا نرم گھاس پر بیٹھا بانسری بجا رہا ہے اور بھیڑیں بڑی خامشی سے اس کے چاروں طرف بکھری (اس کی بانسری اور شاید اس کے وجود سے بھی بے پروا) نرم کونپلوں کو اپنے معدے میں پہنچاتی چلی جا رہی ہیں۔
	اس کے قریب ایک پرانا سا تھیلا ہے جس میں سوکھی روٹیوں کے بیچ آدھا پیاز اور اچار کا ٹکڑا رکھا ہے۔۔۔۔۔۔۔پورے دن کی محنت پر اس کے جسم کو دیے جانے والا معاوضہ۔ وہ جسم جسے سارا دن کھلے آسمان کے نیچے ہر سختی کو جھیلنا ہے۔ابھی بارش گرے گی تو وہ بھیگ جائے گا اور گھنٹوں ٹھٹھرتا پھرے گا، دھوپ نکلے گی تو اس کا چہرہ جھلسنے لگے گا یہاں تک کہ اسے اپنی پگڑی کو گیلا کر کر چہرے کو اس میں چھپانا پڑے گا۔ کوئی بھیڑیا آ گیا تو اسے ایک جھٹکے سے اپنے بدن میں چھپے خوف کو نکال باہر کرنا ہو گا اور اپنی موٹی نوکیلی لکڑی سے اس خونخوار درندے پر ٹوٹ پڑنا ہو گا۔ایسی مشکل زندگی اور پھر بھی وہ کتنے اطمینان سے بانسری بجائے چلا جا رہا ہے؟
	کبھی کبھی وہ مجھے خود بھی ایک بھیڑ لگتا ہے۔۔۔۔۔۔۔بھیڑ جو اپنے گڈریے کی زبان نہیں جانتی، اس سے کوئی سوال نہیں پوچھتی مگر وہ جانتی ہے کہ اسے کس چشمے سے پانی پینا ہے اور کس چراگاہ سے گھاس کھانا ہے۔ بھیڑ جو سر جھکائے، نظریں نیچی کئے اطمینان سے جئے جاتی ہے کہ اسے یہ خبر ہے کہ گڈریا اس کا خیال رکھے گا۔ کوئی بھیڑیا، کوئی کھائی، کوئی بھوک اس تک نہیں پہنچ سکے گی کہ اس کا رکھوالا اس کے ساتھ ہے۔ 
	میں دیکھ نہیں سکتا مگر مجھے لگتا ہے کہ وہ ہے۔۔۔۔۔۔گڈریوں کا گڈریا۔ جو دھوپ میں جھلستے  ان گڈریوں کے جسموں پر عافیت کی چادر ڈالتا ہے۔ جو نیند سے گھائل ہو جانے والے گڈریوں کی بھیڑوں کی حفاظت کرتا ہے۔ جو سوکھی روٹی اور اچار  میں چپکے سے جہاں بھر کی لذت اور طاقت بھر دیتا ہے۔
	میں نے دیکھا نہیں مگر مجھے لگتا ہے کہ گڈریوں کا گڈریا ہے۔۔۔۔۔۔تبھی تو اس گڈریے کی بانسری سے اتنا سکون پھوٹتا ہے۔
٭٭٭


شیشے میں تصویر
		
	کمرے کی دیوار پر ایک شیشہ ہے اور شیشے میں ایک تصویر نظر آ رہی ہے۔۔۔۔۔ایک ایسی تصویر جو کمرے کی کسی دیوار پر نہیں لگی ہوئی۔یہ کسی ادھیڑ عمر شکاری کی پرانی بلیک اینڈ وایٹ تصویر ہے جس میں وہ ایک تیندوے کے اوپر پاؤں رکھے کھڑا ہے اور اس کے ہاتھ میں بندوق ہے۔اور اس کے چہرے پر ایسے تاثرات ہیں جیسے دنیا فتح کر لی ہو۔
	نیچے تیندوے کے مردہ جسم کے ساتھ دو بنگالی بیٹھے ہیں جن کے جسم پر پورے کپڑے بھی نہیں ہیں ہاں ہاتھوں میں بھالے ضرور پکڑ رکھے ہیں جن کی نوکیں اتنی زنگ آلودہ ہیں کہ شاید شکار کے جسم کو چھوتے ہیں بھربھرا کر گر جاتیں۔ان کی آنکھوں میں ایک بہت بڑی بے اعتنائیت ہے۔گویا ان کے  لئے یہ ایسا ہی بے معنی اور بے رنگ کا م ہے جیسے کہ کھیتوں کو پانی لگانا یا پھر بیلوں کو چارہ ڈالنا۔
	تیندوا مر چکا ہے مگر اس کی آنکھیں اب بھی کھلی ہیں اور ان آنکھو ں میں میرا کمرہ نظر آ  رہا ہے۔ بالکل یہی کمرہ میں جس میں کھڑا ہوں۔بس فرق صرف یہ ہے کہ اس کمرے میں یہ تصویر لگی ہے مگر شیشے میں نظر نہیں آ رہی۔
٭٭٭


شیطان سے ایک مکالمہ


	’’تم کیا کہنا چاہتے ہو؟میں کیا کر سکتا ہوں۔ میں تو بالکل ہی بے حقیقت شخص ہوں ‘‘
	’’یہ تمہاری سوچ ہے۔۔۔۔۔۔بلکہ سچ کہوں تو یہ تمہاری سوچ نہیں ہے۔ اوپر سے تم جتنے مرضیhumbleبننے کی کوشش کرو مگر اندر سے تم خود کو بہت قیمتی سمجھتے ہو۔ اتنا قیمتی کہ جسے مارکیٹ میں لایا ہی نہ جا سکے۔تم نے اپنی arroganceکو کسرِ نفسی میں چھپا رکھا رکھا ہے مگر دل میں کہیں اپنی اصل قیمت سے پوری طرح آگا ہ ہو۔۔۔۔۔میں جانتا ہوں کہ اس وقت تمہارے اندر بہت سے سر نفی میں ہل رہے ہیں مگر مجھے بتاؤ کہ اگر میں غلط ہوں تو کیا تم اپنیsoulکے بدلے میں دس لاکھ روپے لینا قبول کرو گے؟‘‘
	’’تم مذاق کر رہے ہو۔یہ سب تو قصہ کہانیوں میں ہوتا ہے اصل میں یہ سودا اتنا سیدھا تھوڑا ہی ہوتا ہے؟‘‘
	’’تم اس کی فکر نہ کرو۔۔۔۔ہمارے پاس اب کھیل تماشے کا وقت نہیں رہا۔میں تمہاری soulکو اچھی قیمت پر خریدنے کے لئے تیار ہوں اگر تم بیچنا چاہتے ہو تو؟‘‘
	’’مجھے کرنا کیا ہو گا؟‘‘
	’’جب ایک دفعہ تم اپنی soulہمیں بیچ دو گے تو پھر تو تم وہ سب کچھ کرو گے جو میں تمہیں کہوں گا۔پر ابھی تو تم نے کہا کہ تمہاری زندگی کی کوئی قیمت نہیں ہے تو پھر یہ سب کتنا برا ہو سکتا ہے؟‘‘
	’’میں نہیں جانتا۔۔۔۔پر میں کسی ایسی چیز کے لئے کبھی ہاں نہیں کر پاؤں گا۔‘‘
	’’تو میں صحیح تھا نہ۔۔۔۔۔تم سمجھتے ہو کہ تم اتنے بلند ہو کہ تمہیں مارکیٹ میں لایا ہی نہیں جا سکتا۔ لیکن میں تمہیں بتا رہا ہوں کہ تم غلط ہو۔تم دنیا کی سب سے خوبصورت چیز کو بھی وقت کی الماری میں بند پڑے رہنے دو تو اس کی کوئی قیمت نہیں ہوتی نہ دنیا کی آنکھوں میں، نہ شیطان کی آنکھوں میں اور نہ ہی خدا کی آنکھوں میں۔۔۔۔۔۔۔یہ مارکیٹ ہی ہے جہاں یہ سب بڑے لوگ خریداری کرتے ہیں۔اور اس مارکیٹ کی کرنسی خواہش ہے۔میں ان لوگوں کے خلاف نہیں ہوں جو اپنی روحوں کو صرف اس لئے مارکیٹ میں نہیں لاتے کیونکہ وہ انہیں استعمال کر رہے ہوتے ہیں۔میں ان کی عزت کرتا ہوں اور سب عزت کرنے والے ان کی عزت کرتے ہیں لیکن تم کیا ہو۔۔۔۔۔اپنی طرف دیکھو تو سہی۔آخری مرتبہ کب تم نے اپنے بارے میں کوئی فیصلہ کیا تھا؟تم تو بس وقت کے بہتے تختوں پر سفر کر رہے ہو۔تمہیں اپنی free willکی ضرورت نہیں ہے۔۔۔۔۔۔تمہیں روح کی ضرورت نہیں ہے۔یہ مارکیٹ تمہارے ہی جیسے لوگوں کے لئے سجائی گئی ہے اور ہم بہت اچھی قیمت بھی دیتے ہیں۔‘‘
	’’نہیں۔۔۔۔۔میں اپنی روح شیطان کو نہیں بیچوں گا۔‘‘
	’’ٹھیک ہے۔میں تمہارے فیصلے کی عزت کرتا ہوں۔۔۔۔۔تمہیں پتہ ہے کہ شیطان کی سب سے اچھی بات ہی یہی ہے کہ وہ انسانوں اور انہیں ودیعت کردہ free willکی عزت کرنا جانتا ہے۔اس کے مقابلے میں خدا کو لے لو۔۔۔۔۔وہ تمہاری کوئی پروا نہیں کرتا۔اس نے تمہیں بنایا بھی اس لئے کہ تمہیں پھر سے توڑ سکے۔اس نے تمہیں   self respectدی تو صرف اس لئے کہ تم اس ذلت کی شدت کو محسوس کر سکو جو وہ اس کے بعد تم پر اتارے گا۔اس نے تمہیں خاندان کی محبت دی تاکہ جب وہ ان لوگوں کو تم سے چھینے تو درد کے نشتر تمہارا کلیجہ پھاڑ کر رکھ دیں۔۔۔۔۔۔وہ بہت ظالم ہے اور ایک شیطان ہے جس کے رواں رواں سے رحم پھوٹتا ہے۔۔۔۔۔اور لوگ ہیں کہ مجھ پر اعتبار نہیں کرتے۔صرف اس لئے کہ تمہارے مصوروں نے 	میری تصویروں میں بیکار سے سینگ بنا رکھے ہیں اور ایک نارنجی سی دم بھی لگا دی ہے۔۔۔۔اب کوئی ایسی دم والے وجود پر کیسے اعتبار کر پائے گا؟
	تو میں نہیں کہتا کہ مجھ پر بھروسہ کرو۔۔۔۔۔۔۔۔۔میں تو صرف یہ کہتا ہوں کہ اپنے دل کی سنو اور اپنے اندر کی منطق کو سنو۔۔۔۔۔بس اور کچھ نہیں۔اپنے آپ پر بھروسہ کرو۔مجھے کوئی گلہ نہیں تم میرے پاس نہ آؤ۔اگر تمہیں خدا سے اتنی ہی محبت ہے تو اس کے پاس چلے جاؤ۔۔۔۔۔بس اپنی زندگی کو ضائع نہ کرو۔۔۔۔۔میں ایک مہربان دل رکھتا ہوں اور نہیں دیکھ سکتا کہ کس طرح تم لوگ ایک کے بعد ایک اپنی زندگیاں ضایع کئے جاتے ہو۔میں تمہاری قیمت جانتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ تم اپنا بہترین استعمال کر سکو۔میں کہانی کی اس دوسری عورت کی طرح ہوں جو بادشاہ سے یہ کہتی ہے کہ بچے کے دو ٹکڑے نہ کرو اسے اس کی اصل ماں کو دے دو اور میں خوش ہو جاؤں گی۔۔۔۔۔۔بس ایک وعدہ کرو کہ تم خدا کے پاس ضرور جاؤ گے۔‘‘
	’’میں نہیں جانتا۔۔۔۔‘‘
	’’تم نہیں جانتے۔۔۔۔۔۔تم اپنے دل میں سب جانتے ہو۔پر سچ بتاؤں۔۔۔۔تم اپنے دل میں سوچتے ہو کہ تم اتنے قیمتی ہو کہ تمہیں خدا کو بھی کیوں دیا جائے۔۔۔۔۔تم اس پاکباز عورت کی طرح ہو جو اپنی پاکبازی کی ساری زندگی بڑے التزام سے حفاظت کرتی ہے اور آخر میں جب وہ اکیلی رہ جاتی ہے تو اسے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکبازی تو کوئی ایسی چیز تھی ہی نہیں جس کی حفاظت کی جاتی۔خدا نے عورتوں کو یہ بھرپور جسم اس لئے تو نہیں دیے کہ وہ انہیں سات پردوں میں چھپا کر رکھیں۔۔۔۔۔پاکبازی تو ایک relativeچیز تھی اور اسے اتنی سنجیدگی سے نہیں لیا جانا چاہیے تھا۔تمہارے ساتھ بھی ایسا ہی ہے۔اس نے تمہیں free willاس لئے نہیں دی کہ تم اسے خدا کے سامنے سرنڈر کر دو اور کوئی فیصلہ نہ کر کر اسے گلنے سڑنے دو۔۔۔۔۔نہیں جناب۔۔۔۔۔ تمہیں پتہ ہے کہ اس نے یہ  free willپہاڑوں کو دی تھی اور وہ یہ کہتے ہوئے سجدے میں گر پڑے کہ ہم یہ بوجھ نہیں اٹھا سکتے اور ایک تم بیوقوف تھے جو اس بوجھ کو اٹھانے پر رضامند ہو گئے۔اب کچھ کرو اس کے ساتھ۔ اور اگر تم نہیں جانتے کہ تم کیا کر سکتے ہو تو مجھے دے دو اور میں تمہیں دکھا تا ہوں کہ کیا کیا جا سکتا ہے۔
٭٭٭


مانوس اجنبی


	مجھے بہت آہستگی سے اپنی بات کہنا ہو گی اور تمہیں بھی چاہیے کہ اپنے چہرے پر کوئی تاثر نہ آنے دو۔ کچھ یوں لگے جیسے ہم کوئی بیکار بات کر رہے ہیں۔۔۔۔جیسے اساطیری ادب میں یونانی دیو مالا کا حصہ۔۔۔۔۔جیسے اردو نظم کے ارتقا میں غزل کی لایعنیت کا کردار۔
	یوں سمجھو جیسے ہم پاک ٹی ہاؤس میں بیٹھے ہیں۔۔۔۔دھوئیں کے مرغولوں اور چائے کی تمازت پہنچاتی خوشبوؤں کے بیچ ہم دو نقاد۔۔۔۔تم یقیناًسوچتے ہو گے بھلا خوشبو کہاں تمازت پہنچا سکتی ہے۔۔۔۔پر ایسا ہوتا ہے۔ جب جیب چائے خریدنے کی اجازت نہ دے اور انا اس تلخ حقیقت کو ماننے پر تیار نہ ہو۔ ایسے میں خوشبو سورج بن جاتی ہے اور ہر ذی روح کوئی سایہ، کوئی اوٹ، کوئی فرار ڈھونڈنے لگتا ہے۔ لوگ بڑی بڑی باتیں کرنے لگتے ہیں۔ ایسی بلندیوں کی طرف پرواز کرتے ہیں جہاں سے چائے کا کپ بڑی معمولی چیز دکھائی دینے لگے، ان رفعتوں کی طرف جہاں بدیسی سیگرٹوں کی سحر انگیز خوشبوئیں نہ پہنچ سکیں۔
	تو سمجھو جیسے ہم پاک ٹی ہاؤس میں بیٹھے ہیں۔۔۔۔۔مگر میری بات ایسے نہ سننا جیسے ہم کہیں پاک ٹی ہاؤس میں بیٹھے ہوں۔ یہ بہت اہم بات ہے۔ وہ اب بھی یہیں موجود ہیں۔وہ جو مجھے تنہا نہیں چھوڑتے۔ وہ تو سڑک پر بھی میرے ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ بس میں جڑے اجنبیوں کی طرح بہت قریب۔ اتنا کہ میں ان کی سرگوشیاں بھی سن سکتی ہوں۔ اتنا کہ میں ان کے ماتھے پہ پڑی لکیریں گن سکتی ہوں۔پر وہ سرگوشیاں کہاں کرتے ہیں ؟ انہیں تو کسی چیز کا خوف نہیں ہے۔وہ تو کتابیں بھی با آوازِ بلند پڑھتے ہیں۔میرے پیچھے کھڑے ہو کر،شانوں پر ذرا جھک کر۔۔۔۔۔ کند طالب علموں کی طرح لہک لہک کر پڑھتے ہیں۔اس بات سے بے نیاز کہ پھر میں نہیں پڑھ سکتی اور کتاب بند بھی نہیں کر سکتی کہ وہ جو پڑھ رہے ہوتے ہیں۔
	تم تو سمجھتے ہو اس کیفیت کو جب ہم بڑے مبہم اور بیکار طریقے سے کسی اہم کام کا حصہ بن جائیں۔۔۔۔جیسے پورے خاندان کے ساتھ کسی کی عیادت کو جانا۔ اب اتنے تیمار داروں کو دیکھ کر میزبانوں کے ہاتھ پاؤں تو پھولیں گے ہی پر کمرے میں بڑھتی گھٹن سے بیمار کی طبیعت بھی متلانے لگتی ہے اور پھر اتنے شور میں ایک باریک سی آواز بھلا کیا مزاج پرسی کر پائے گی مگر۔۔۔۔۔آپ جائے بغیر رہ بھی نہیں سکتے۔ کمرے میں داخل ہوتے ہی میزبان آپ کی غیر موجودگی بھانپ جائیں گے۔ پھر مہینوں آپ کو اسی ندامت میں چہرہ چھپانا ہو گا اور وہ ہزاروں وضاحتیں ایک طرف جو آپ کا دل پیش کرتا رہے گا۔کتنی عجیب بات ہے نہ کہ کوئی آپ کی موجودگی محسوس نہیں کرتا پر غیر موجودگی پر سب ٹھٹھک جاتے ہیں۔جیسے ایک بیکار سا کیل نکل آنے پر کوئی فانوس دھم سے آ گرے۔۔۔۔۔کیل جو ہمیشہ سے یہیں تھا (فانوس سے بھی پہلے سے)،کیل جو سارا وزن سہارے کھڑا تھا اور کیل جسے کبھی کوئی دیکھ نہ پایا۔
	تو آپ اس بیکار اور غیر مفید کام کا حصہ بننے پر مجبور ہوتے ہو۔ ایسے ہی میں کتاب کو بند نہیں کر پاتی اور خود کو کوستی رہتی ہوں۔ اور انہیں تو کچھ کہ بھی نہیں سکتی کہ وہ مجھ سے مخاطب ہی کہاں ہوتے ہیں۔۔۔۔۔۔وہ تو بس میرے شانوں پر جھکے گویا کتاب کے سحر میں کھوئے ہوئے ہوتے ہیں۔بس میں جڑے اجنبیوں کی طرح اور کوئی اجنبیوں کو فرمانِ زباں بندی نہیں سناتا۔
٭٭٭


مقدس پہاڑ کا سفر


	اگر تمہیں مقدس پہاڑ تک سفر کرنا ہے تو تمہیں سب سے پہلے اپنے گھر کے صحن سے گزرنا ہو گا۔ گھر کے بعد ایک لمبی گلی ہے۔ گلی سے پرے بل کھاتی سڑکوں کا جال ہے، سڑکوں سے پرے تنگ و پرخطر پگڈنڈیاں اور ان سے پرے بھی ایک جگہ ہے۔۔۔۔۔۔۔ ایک جگہ جہاں راستے تھک جاتے ہیں اور بس ایک سمت ہے جو باقی رہ جاتی ہے۔
	نصیب کی کتاب کسی نے نہیں دیکھی۔ کوئی نہیں جانتا کہ وہ مہربان اجنبی (کہ جسے نا آشنا لوگ موت سے تعبیر کرتے ہیں )کس لمحے اس کا ہاتھ نرمی سے تھام لے یہ کہتے ہوئے کہ’’ بس۔۔۔۔۔ بہت ہو چکا۔ اب گھڑی بھر کو سستا لو‘‘۔ ہو سکتا ہے کہ ہم اسے گھر کی چوکھٹ پر ہی انتظار کرتے پائیں۔ ایسا ہوا تو ہمارا سفرختم ہوا پر اگر تم اسے نہیں پاتے تو سفرجاری رہے گا۔۔۔۔۔۔ چوکھٹ سے گلی تک، گلی سے سڑکوں تک، سڑکوں سے پگڈنڈیوں تک اور پھر پگڈنڈیوں سے بے نشاں راستوں تک۔
	یہ سفرکہاں سے شروع ہو گا یہ ہمارے اختیار میں نہیں ہے اور یہ سفر کہاں ختم ہو گا ہم یہ بھی نہیں جانتے۔ ہمارے اختیار میں ہے تو بس ایک سمت۔ اگر سمت مقدس پہاڑ ہے تو چاہے ہمارا راستہ گلی کی نکڑ پر روکا جائے یا پھر ہم بے راستہ گرد میں کھو جائیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ہماری روح کو خوش آمدید مقدس پہاڑ پر ہی کہا جائے گا اور اگر کہیں سمت دوسری ہے تو کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہم اپنے وجود کو پہاڑ کی چوٹی پر ہی کیوں نہ پہنچا دیں مقدس پہاڑ ہم سے نوری سالوں کے فاصلے پر رہے گا۔
٭٭٭


دو سائے 

	گہری سفید برف پر کسی نے سیاہی سے 8کا ہندسہ لکھ رکھا ہے۔برف کے اوپر ایک عقاب اڑ رہا ہے جس کے دو سائے برف پر پڑ رہے ہیں۔ایک سایہ چھوٹا اور گہر ا ہے اور دوسرا بڑا اور روشن سا۔دونوں سایوں کے بیچ 8 گز کا فاصلہ ہے۔سائے حرکت میں ہیں مگر گھٹتے بڑھتے نہیں ہیں۔ایسے لگتا ہے جیسے برف پر تیر رہے ہیں۔یہ سائے جب تیرتے ہوئے ایک چھوٹے سے چوہے پر پڑتے ہیں جو برف سے تھوتھنی اٹھائے آسمان کو دیکھ رہا ہے تو دونوں آپس میں مل جاتے ہیں اور چوہے کا جسم ایسے روشن ہو جاتا ہے جیسے کسی نے اس پر Spot lightرکھی ہو۔
٭٭٭

دو محبتوں کی کہانی


	میں نے دو محبتیں کیں ہیں۔۔۔۔تم سے محبت اور تیرے تصور سے محبت۔اور محبت کی ابتدا دونوں کے کہیں بیچ میں تھی۔
	آغاز میں ایک دھواں تھا اور میری روح اس دھوئیں میں تیرتی تھی۔اور میرا جسم ایک جھیل تھا جس میں لاکھوں آنکھیں کونپلوں کی صورت اگیں تھیں۔میری ہر آنکھ تجھے دیکھتی تھی اور ہر آنکھ میں پیاس بھری تھی۔۔۔۔۔ایسی پیاس کے جس کے سامنے سمندر بھی صحرا نظر آئے۔اتنی پیاس کہ لاکھوں بارشیں پی کر بھی خشک ہونٹوں کی دہائی جاری رہے۔
	وہ محبت کچھ اور ہی شئے تھی۔تیرا ہر لفظ اِک عجیب سا منبع تھا۔خود رو جھاڑیوں کی طرح جس سے جملے بنتے چلے جاتے تھے۔کتابوں کے اوراق بھرے جاتے تھے۔کتابیں جنہیں پڑھنے کو خدائی سال بھی کم پڑتے۔ہر لفظ وہ پتھر تھا جس سے درجنوں چشمے پھوٹتے تھے اور میرے ذہن کا ہر گوشہ یہ جانتا تھا کہ اسے کس چشمے کا پانی پینا ہے۔اور وہ چشمے بھی ایسے منہ زور تھے کہ ’’زم زم‘‘ سے نہ ٹھہرتے تھے۔اور میرے چھوٹی سی دنیا کا کوئی پہاڑ اس پانی سے بلند نہ تھا۔
	میں ڈوبتا جاتا تھا اور سوچتا تھا کہ ارتقا وہ بلی ہے جس نے درخت پر چڑھنے سا ہنر،یہ محبت، مجھے نہیں سکھائی۔اور نہ محبت میں خدا کاسا رحم تھا کہ وہ طوفاں سے پہلے کشتی کا حکم دیتی۔کہ وہ عذاب سے پہلے وعیدوں کی خبر دیتی۔
	محبت تو جیسے جھاڑیوں کے پیچھے چھپا شیطان سا بچہ ہے جو چہرے پر کوئی بھی نقاب ڈالے یکدم سے ہمارے سامنے آ تا ہے۔۔۔۔۔جسے دل کے دہل جانے کا خدشہ ہو وہ بھلا ایسے نگر میں اترے ہی کیوں ؟
	اور ایک محبت میں نے تجھ سے کی۔تیرے گرم، سرخ، انگارہ سے ہونٹوں سے۔تیری پتلی، لمبی، مخروطی انگلیوں سے۔تیرے گیسوؤں، تیرے رخساروں، تیری آنکھوں سے۔اس خوشبو سے جو اجنبی سانپ کی مانند تیرے جسم کی درزوں میں آن بسی تھی۔
	میں ہر روز صبح بڑی خاموشی سے تجھے بے خبر پا کر اپنی بانہوں میں جکڑ لیتا صرف اس امید پر کہ۔۔۔کہ ایک بار تو تجھ کو حیران کروں گا۔ایک بار تو اس محبت کے پردے کو چیر کر تیری دوسری محبت تک پہنچ سکوں گا۔۔۔۔اور تو ہمیشہ میرے ہاتھ میں کافی کا مگ پکڑا دیتی اور تازہ اخبار۔۔۔۔ اور وہ بچے جو ہمارا کل تھے اور یہ گھر جس کی ہر اینٹ پر ہمارے ساتھ کی مہر لگی ہے۔
	میں نے دو محبتیں کیں ہیں اور محبت کی انتہا دونوں کے کہیں بیچ میں تھی۔
٭٭٭

حوالدار کی روح


	ایسے میں کسی نے زوردار دھکے سے مجھے زمین پر گرا دیا۔
	’’سپاہی ہوش کرو! ایسے وقت میں کھڑے نہیں ہوا جاتا (یہی تو کھڑے رہنے کا وقت تھا پر میں انہیں کیسے سمجھاتا؟)۔اپنی بندوق سنبھالو اور لڑائی جاری رکھو۔‘‘
	مجھے مڑ کر دیکھنے کی ضرورت نہیں پڑی۔ اپنے پر جوش حوالدار کی آواز میں کیسے بھول سکتا تھا۔ میں ہمیشہ اس کی پر اعتماد آواز،اس کے اکڑے ہوئے جسم کو حیرت سے دیکھتا تھا۔مجھے ہمیشہ لگتا تھا جیسے اس کے سینے میں دل نہ دھڑکتا ہو،جیسے اس کے جسم میں میری طرح تھکاوٹ نہ اترتی ہو،جیسے وہ کبھی مرے گا نہیں بس ٹوٹ جائے گا۔۔۔مشینوں کی طرح اپنی مفید زندگی ختم کرنے پر لوہے کے ٹکڑوں کی طرح کسی نئی مشین میں ڈھال دیا جائے گا۔
	مجھے گرانے کے بعد وہ رکا نہیں بلکہ رینگتا ہوا دوسری طرف بڑھ گیا۔ایسے میں ایک گولہ اس کے قریب آ گرا اور اگلے ہی لمحے اس کا کٹا ہوا سر اپنی کھلی آنکھوں سے میرے قریب پڑا مجھے دیکھتا تھا۔وہ آنکھیں مجھ پر جمی تھیں۔بڑے تنبیہی انداز میں مجھے کہتی تھیں کہ
’’دیکھا۔۔۔ کھڑے رہنے کا انجام‘‘
	’’پر تم تو زمین کے ساتھ ملے تھے۔‘‘میں نے سوال کیا۔
	مجھے جواب کہاں سے ملتا؟وہ آنکھیں تو پتھرا چکی تھیں۔اس کے چہرے کے عضلات ہمیشہ کے لئے کھچ چکے تھے۔ ایسے میں میرے ذہن میں اس کا دھڑ دیکھنے کی خواہش پیدا ہوئی۔ میں اس کا دل دیکھنا چاہتا تھا۔میں اپنی جگہ سے اٹھا اور ادھر ادھر دیکھتا رہا۔ مگر وہاں کوئی جسم نہیں تھا بس کسی جسم کی دھجیاں بکھری تھیں۔جیسے کوئی ضدی لڑکی ماں کے لائے پرانے فیشن کے کپڑوں کو چھوٹی چھوٹی کترنوں میں کاٹ ڈالے کہ لو اب پہنا کے دکھاؤ مجھے۔
	اور ایسے میں میں نے اس حوالدار کی روح کو دیکھا۔ خدا کی قسم! میں نے اس بکھرے ہوئے جسم کے پاس حوالدار کی روح کو دیکھا۔ وہ اپنے جسم کے قریب یوں گھومتا تھا جیسے وہ بھی اپنے دل کو کھوج رہا ہو (شاید اسے بھی میری طرح اپنے انسان ہونے کا پورا یقین نہیں تھا) اور اس کے چہرے پر بہت اطمینان تھا۔میں ہمیشہ یہ سمجھتا رہا تھا کہ حوالدار جیسے لوگوں میں روح نہیں ہوتی یہاں تک کہ اس رات میں نے سفید لبادے میں لپٹی اس روح کو دیکھ لیا۔وہ میدانِ جنگ کو ایسے دیکھ رہی تھی جیسے ہم راکا پوشی کی چوٹی یا ایمزون کے دھانے کو دیکھتے ہیں۔۔۔ حیرت،استعجاب،محویت اور اضطراب سے۔جیسے بے پناہ حسن کا ایک سیلاب تھا جو اسے گھمائے پھرتا تھا۔میں نہیں سمجھ پایا کہ لاشوں سے اٹی اس بے رنگ پہاڑی میں کیسا حسن تھا۔پر حسن تو شاید دیکھنے والے کی آنکھ میں ہوتا ہے۔ایسے میں وہ میرے قریب آ گیا اور مسکرایا۔
	’’دیکھو کتنی بے صبری سے انہوں نے اپنی ہی شئے کو کھینچ تان کر ریزہ ریزہ کر دیا۔۔۔اور جو میرا ہے وہ کون چھین سکتا ہے؟میں اپنے آپ کو بچائے  لئے جاتا ہوں۔‘‘
	پھر وہ مڑا اور دشمن کے مورچوں کی طرف چلا گیا۔ کچھ اس طرح کہ گولیاں اس کے چاروں طرف سے گزرتی تھیں۔ کتنی آزادی سے وہ اس طرف بڑھ رہا تھا جہاں ہم سب مہینوں میں ان تمام ہتھیاروں کے باوجود نہ بڑھ سکے تھے۔
٭٭٭


انگور کی بیلوں میں ٹھٹھرتی موت


"And the Stupor of death will bring truth (before his eyes):
This was the thing which thou was trying to escape!"
 (19:50)	    
	کہتے ہیں موت کے لمحہ سارے سچ آپ پر کھول دیے جائیں گے۔مگر کیا یہ کافی ہو گا؟کچھ پرندے ایسے بھی تو ہوتے ہیں جن کے پنجرے کھول کر بھی ہم انہیں اڑا نہیں پاتے۔پنجرہ کھلا دیکھ کر وہ اور بھی اپنے کونے میں دبک جاتے ہیں۔مجھے لگتا ہے کہ میرا سچ بھی ایسا ہی سادہ لوح پرندہ ہے۔۔۔۔۔۔سچ جو مقدر کی طرح میری پوری زندگی پر ثبت کر دیا گیا تھا کچھ اس طرح کہ فٹ پاتھ پر ہاتھ دیکھتا ایک اجنبی اسے دیکھ سکتا تھا،ٹرین میں ساتھ سفر کرنے والے مسافر اسے جانتے تھے،وہ پرندہ اسے مجھ سے بہتر جانتا تھا جو اکثر صبح میری منڈیر پر باجرہ کھانے کو آتا تھا۔یہ میں ہی تھا جو اسے پڑھنے سے کتراتا رہا۔میں تو آئینہ بھی دیکھتا تو اس التزام سے کہ کہیں خود سے نظریں ہی چار نہ ہو جائیں۔
	تو مجھے زیادہ یقین نہیں ہے کہ موت کا لمحہ بھی سچ کو میرے سامنے لا پائے گا۔پھر میرے بوسیدہ سے کمرے میں چلے آنا کوئی آسان شئے تھی بھی نہیں۔کمرے کا دروازہ ہمیشہ سختی سے بند رہتا ہے۔ایک کھڑکی ہے جس کا شیشہ تو نجانے کب سے ٹوٹ چکا ہے مگر اس کے پرے انگور کی بیل اتنی گہری ہے کہ بارش اور پرندے تو کیا خود روشنی کو بھی اندر آنے میں تکلیف ہوتی ہے۔سچ مجھ تک پہنچے بھی تو کیسے پہنچے؟
	ہاں مگر میں اتنا جانتا ہوں کہ موت آنے کو ہے۔میں نے ابھی ابھی اس کے پروں کی پھڑپھڑاہٹ سنی ہے۔وہ بہت دور سے آئی ہے اس لئے شاید وقت سے ذرا پہلے ہی پہنچ گئی ہے اور اب انگور کی بیلوں میں کہیں چھپی گہرے سانس لیتی ہے۔۔۔۔۔۔۔سستا رہی ہے۔اسے میری روح کے ساتھ شاید بہت جلد ایک لمبا سفر طے کرنا ہے۔میں اسے بھاپ اڑاتی کافی کا ایک کپ بھجوا دیتا پر میں نہیں چاہتا کہ وہ وقت سے پہلے تازہ دم ہو جائے۔میری کمینگی پر آپ حیران مت ہوں کہ میں ہمیشہ سے ایسا ہی ہوں۔میں نے دنیا کو صرف اپنی خواہشوں کی آنکھ سے دیکھا ہے۔ دنیا جسے میرے محبت کرنے والے رب نے ایک حیرت کدہ کی صورت تخلیق کیا تھامیں اسے رزق حاصل کرنے کے ایک ذریعے سے اوپر کبھی دیکھ ہی نہ پایا۔ یہ ایسے ہی ہے جیسے آپ باغ کی سیر کو جاؤ تو کوئی خوبصورت سا مور وہاں رقصاں ہو۔جھومتی ہوا، مور کی مستانہ وار اداؤں اور فضا میں اداسی گھول دینے والی صداؤں کے بیچ اگر آپ یہ سوچنے لگو کہ رات کے کھانے پر بھنا مور ایک پر لطف تجربہ ہو گا تو آپ میری کمینگی کو اس کے اصل رنگ میں سمجھ پاؤ گے۔
	تو یہ رات جو میں گذار سکتا ہوں اسے کیوں خوامخواہ کے تکلفات کی نظر کر دوں۔مجھے ابھی زندگی کے بہت سے loose ends کو باندھنا ہے۔موت کو انگور کی بیلوں کے بیچ ٹھٹھرنے دو اور میں کوشش کرتا ہوں کہ کسی خوبصورت سے جھوٹ کے سحر میں کچھ اور لمحے گذار دوں۔
٭٭٭


بھیڑ کے خواب


	بھیڑ کی کھال سے لے کر بھیڑ کی ہڈیوں کے گودے تک ہر شئے پر بھیڑیے کا حق ہے پر بھیڑ کے خواب۔۔۔۔۔۔۔۔بھیڑیے کے لئے خواب ہی رہیں گے۔
٭٭٭


وہ مہرہ نہیں مکمل کھلاڑی ہے


	جہد،کوشش،محنت بہت خوبصورت الفاظ ہیں۔انہیں اقدار اور اعتقادات کے جس معیار پر بھی پرکھا جائے ہمیشہ لائق تحسین ہی ٹھہرتے ہیں۔مگر مجھے کہنے دیں کہ یہ ایک جال ہے، سراب ہے، چوہے دان ہے عقل والوں کے  لئے اور موت ہے وجدان والوں کے  لئے۔
	میرے اردگرد ایک ہجوم ہے تابناک چہروں اور روشن آنکھوں والے کامیاب لوگوں کا۔ یہ وہ لوگ ہیں جو لوح ایام پر آزادی کی تحریر رقم کرتے ہیں،وہ دیوانے جو انسانوں کے قدموں کو ستاروں کی طرف لے جا رہے ہیں،وہ اہل جنوں جو محبت کرتے ہیں،وہ متقی جن کی پیشانیاں سجدوں سے منور ہیں اور اہل دولت کہ جن کی دسترس میں وہ سارے خواب ہیں جن کی تعبیریں سراب نہیں ہوتیں۔
	ایک دوسرا گروہ ہے ملگجے چہروں اور بجھی آنکھوں والے ناکام لوگوں کا۔ ان کے چہروں کے عضلات کھنچے رہتے ہیں۔ان کی آنکھوں میں خون تمنا کے سوا کوئی رنگ نہیں اور ہاتھوں میں فکر فردا کے سوا کوئی اثاثہ نہیں۔وہ لوگ جو تاریک راہوں میں مارے گئے،جن کی محبتیں بازار میں نیلام ہوئیں، جن کی وحشتیں انہیں اندھیرے کھدروں میں دبکنے نہیں دیتیں اور سڑکوں، دریاؤں، صحراؤں میں حقیر جانوروں کی طرح مرنے پر مجبور کر دیتی ہیں۔
	ایک طرف جگمگاتے خواب ہیں اور دوسری طرف تعفن زدہ لاشیں۔ اور۔۔۔۔۔اس ہجوم بیکراں میں ایک نئی زندگی جنم لیتی ہے۔وہ زندگی جسے جسم اس کے اجداد دیتے ہیں،عقل ملتی ہے تاریخ انسانی سے اور وجدان فطرت کی دین ہے۔ اپنی شفاف، معصوم آنکھوں سے وہ اس دنیا کو دیکھتی ہے۔ جسم اور اس کے حواس کو حقائق اکھٹا کرنے والے آلات سمجھو،عقل ان کو پرکھنے کے لئے میزان کی طرح ہے اور وجدان اک احساسِ محض ہے،کچھ کھونے کا۔یہ ہیں اس معصوم کے سارے ہتھیار جسے اس دنیا میں پھینکا گیا ہے۔
	پھر ہر کوئی اس کی قوت برداشت کو آزماتا ہے۔ان میں دوسری speciesکا ایک طوفان بلا خیز بھی ہے جس کے لبوں پر  survival of fittest کے رجز ہیں اور فطرت نام کا ایک دیو ہزار پا بھی جسے لا شیئت کی طرف سفر کر نے کا جنون ہے۔اور ان سب سے خطرناک وہ دشمن جو ہماری رگوں میں گھس بیٹھا ہے۔اسے تہذیب کہ لو،imitation،یا محفوظ راستہ مگر میں اسے کھونٹے سے بندھی رسی کی طرح جانتا ہوں،جس کے ہوتے ہوئے ہمارا ہر سفر ایک محدود دائرے کے سوا کچھ نہیں۔ یہ سب مل کر زندگی کو یہ باور کرا دیتے ہیں کہ بہت بڑی کوشش ہی وہ واحد راستہ ہے کہ تم اس کائنات میں surviveکر سکو۔تو پھر زندگی کے گرد اس سراب جسے ہندو mythologyمیں مایا کہا جاتا ہے، کا گھیرا تنگ ہو جاتا ہے۔ اس دوڑ میں کچھ کامیاب ہوتے ہیں اور کچھ ناکام۔مگر اصل کھیل اس جیت ہار سے ماورا ہے۔
	جیسے ایک بہت بڑا سمندر ہے۔اتنا کہ اس کے کناروں کی کچھ خبر نہیں۔ اور ہم سب اس کے کہیں بیچ میں ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔یہاں موجوں،گرداب،typhoonsکو فطرت سمجھ لیں۔ان بے شمار اجسام میں اگر کوئی چیز مشترک ہے تو وہ ہے کوشش۔کچھ جو تیرنا نہیں جانتے،یا بھاری موجوں کے تلے دب جاتے ہیں،یا پھر جن کی ٹانگ کسی سمندری جانور نے اندر کھینچ لی وہ تڑپتے ہوئے ڈوب جاتے ہیں۔ان لوگوں کی آنکھوں میں خوف ہوتا ہے،چہروں پہ بے بسی۔یہ سب دنیا میں ناکام لوگوں کی طرح ہیں۔ 
	اس ہجوم میں ایک دوسرا گروہ بھی ہے۔یہ لوگ بلا کے خوش قسمت اور ماہر تیراک ہیں۔انکے مضبوط بازو اور امیدوں سے دمکتے چہرے انہیں دور لے جا رہے ہیں۔ ڈوبنے والے حسرت سے دیکھتے ہیں کہ وہ گئے منزل پہ پہنچنے والے۔مگر ایک چیز جو کوئی نہیں دیکھتا اور جو پانی میں گھٹ گھٹ کر آتی موت سے زیادہ خوفناک ہے۔ وہ یہ ہے کہ جیسے جیسے یہ کامیاب لوگ بڑھتے جا رہے ہیں،وسیع سمندر میں وہ اکیلے ہوتے جا رہے ہیں۔ ایک دن ان میں سے ہر کوئی تا حد نظر پھیلے سمندر کے بیچ خود کو تنہا محسوس کرتا ہے اور بہت ڈر جاتا ہے۔ مگر جسم میں ا بھی جان باقی ہے تو وہ ہار کیسے مانے۔پھر وہ دن آتا ہے جب وجود کی برداشت ختم ہو جاتی ہے۔پپڑی جمے پیاسے ہونٹ اور تھکن سے چور بدن کوشش ترک کر دیتا ہے۔سمندر بڑی بے رحمی سے اس کامیاب اور با ہمت تیراک کو اپنی دلدل سی گہرائیوں میں اتار لیتا ہے۔تو کامیاب اور ناکام کے بیچ فرق صرف ایک چیختی،چلاتی پر ہجوم اور ایک ٹھٹھکی،ٹھہری،اکیلی موت کا ہے۔
	چھوٹے تالاب اور بڑی مچھلی میں 
	زندگی کی محبوسی مشترک ٹھہری 
	تھکی تھکی،مضمحل سانسوں 
	اور تڑپتی موت کی گھٹن کے بیچ 
	فیصلہ کرنے کو کوئی
	چھوٹی مچھلی
	کتنی آزاد ہوا کرتی ہے
	یہاں مجھ سے مت پوچھو کہ صحیح اور غلط کون ہے۔میری طرف ان نظروں سے نہیں دیکھو کہ میں جانتا ہوں سمندر کے پرے کسی منزل کے بارے میں۔مگر میں دیکھتا ہو ں ایک شخص جو ہاتھ پیر نہیں چلا رہا ہے۔جس کے چہرے پر مسکراہٹ ہے اور جو چیختے،تڑپتے ہجوم کے بیچ خاموشی سے floatکر رہا ہے اور جو صرف ایک بات سوچتا ہے۔کہ اگر اس سمندر سے نکلنا ممکن نہیں تو ہم یہاں کیوں ہیں ؟کہیں ایسا تو نہیں کہ ہمارا امتحان اس سمندر سے نکلنے سے سوا کچھ اور ہو؟شاید ڈوب جانا ہی کلید کامیابی ہو؟
	اسے کوئی جلدی نہیں ہے۔زندہ رہنے کے  لئے اسے بے پناہ طاقت سے ہاتھ پاؤں نہیں چلانے۔اسے تو صحیح سمت میں بس ایک قدم اٹھانا ہے۔ وقت ایسا ہے کہ شاید کھیل کے قوانین کو ہی بدلنا پڑے۔سو وہ خاموشی سے سوچتا ہے اور پھر ایک دن سمندر اسے بھی نگل لیتا ہے۔
	یہ مثال بہت طویل ہوتی جا رہی ہے مگر میں ایک بات ضرور کہوں گا کہ اگر میں اس کھیل کا خالق ہوتا تو میرے  لئے چیلنج یہ آخری شخص ہوتا جو اپنی بے نیازی، بے پروائی اور خاموشی سے یہ بتا رہا ہے کہ وہ مہر ہ نہیں اپنی ذات میں ایک مکمل کھلاڑی ہے۔کوئی سوچے تو اس شخص کے بارے میں جس نے میدان جنگ کو اپنا گھر بنا لیا ہو۔
٭٭٭


اکیسویں صدی کی سہمی محبت

	تم اپنی محبت پر نازاں ہو۔ اس محبت پر جس نے کرسٹل کی صراحی کی طرح میرے سیمابی وجود کو اپنے اندر سمو رکھا ہے۔ بہت ممکن ہے کہ دل کے کسی کونے میں تم اس تخلیق گر ی کے چھوٹے سے کھیل پر اتراتی بھی ہو کہ کیسے تم نے مجھ سی بے حقیقت ہستی کو اس کا نام دیا۔
	پر اے بیوقوف لڑکی! سچ نام کا پرندہ تیری منڈیر پر کچھ اور ہی نغمہ سناتا ہے۔ تیری محبت مجھے confineتو کرتی ہے مگر defineنہیں۔ وہ مجھے ایک شکل تو دیتی ہے مگر ایسی لمحاتی جیسے تیز بارش کسی دیہاتی لڑکی کے چہرے پر انڈیلا میک اپ دھو ڈالے ( اور رنگ کے ان بے ڈھنگے پردوں کے پیچھے سے وہ واقعی حسین نظر آنے لگے)۔ شکل جو  ایسی بے مروت ہو کہ کسی نئے برتن میں میرے وجود کا ایک قطرہ بھی انڈیلو تو وہ بدلنے لگے۔۔۔۔۔۔۔ ایک تبدیلی جسے نہ تم روک پاؤ اور نہ میں۔
	پر ایسا جنون کس میں ہے کہ اکیسویں صدی کی سہمی محبتوں کو کسوٹیوں پر پرکھ سکے۔ہم تو بس محبت کی صراحیوں کو چمکائیں گے، انہیں عود و عنبر کی خوشبوؤں سے نہلائیں گے اور اس دھوکے میں مست رہیں گے کہ ہماری محبت کسی کی اصل بن سکتی ہے۔
٭٭٭


چاند اور افریقہ

	پھر اس نے مجھ سے پوچھا!
	’’بتاؤ چاند زیادہ دور ہے یا افریقہ؟‘‘
	’’ظاہر ہے کہ چاند‘‘ میں نے بنا سوچے کہا۔
	’’نہیں۔۔۔افریقہ زیادہ دور ہے۔ چاند تو بہت قریب ہے۔ تم اسے روز جھیل میں نہاتے دیکھتی ہو،اس کی روشنی تمام رات تمہارے بالوں پر رینگتی ہے مگر افریقہ۔۔۔ایک امریکن لڑکی اپنی زندگی میں اسے کبھی نہ دیکھ پائے گی۔ وہ خوشبو، وہ جنگل، وہ آوازیں۔۔۔سب کہانیاں ہیں۔
	سب فاصلے سیدھی لکیروں میں تو نہیں ناپے جا سکتے۔جیسے سو میڑ کی چوٹی سر کرنے کے لئے بیس کلومیٹر کا چکر لگانا پڑتا ہے۔۔۔تو فاصلہ بیس کلومیٹر ہوا نہ؟جیسے ہر ملک کے گرد ایک نہ نظر آنے والی لکیر کھنچی ہے۔ جو اتنی مبہم ہے کہ ہمارا رکھا ایک غلط قدم ہمیں اس کے پار پہنچا سکتا ہے اور پھر بھی یہ فاصلہ اتنا زیادہ ہے کہ اسے عبور کرنے کے لئے نسلیں بھی کم پڑتی ہیں۔۔۔یہ سب فاصلے بڑے اضافی ہوتے ہیں۔ انہیں صرف امکانات کی صورت میں ہی ناپا جانا چاہیے۔
	اور اپنے قریب بکھری چیزوں کو دیکھ لو۔جیسے سڑک پر چلتا کوئی آدمی۔۔۔کیا تم سمجھتی ہو کہ وہ تمہاری دنیا میں رہتا ہے؟نہیں،ہم سب اپنی اپنی دنیا میں رہتے ہیں۔صرف کبھی کبھار ہماری دنیاؤں کے بیچ کوئی کھڑکی کھل جاتی ہے اور ہم ایک دوسرے کو دیکھنے لگ جاتے ہیں،آوازیں سننے لگتے ہیں،محسوس کرنے لگتے ہیں۔تو وہ جسے تم دنیا سمجھتی ہو وہ بس کھڑکیوں کا ایک سلسلہ ہے۔۔۔اور کھڑکیوں کا قصہ بھی عجیب ہے۔ ان کے نہ ہونے پر آپ اپنے ہمسائے سے بھی نا آشنا رہتے ہو اور اگر ہوں تو دور پہاڑی کے دامن میں کھیلتے بچے بھی دیکھ سکتے ہو۔۔۔۔ تو چاند کی طرف ہماری کھڑکی کھلتی ہے اور افریقہ کی طرف پتھروں کی دیوار ہے۔۔۔تو پھر چاند قریب ہوا نہ؟‘‘
٭٭٭

معرفتِ ذات

	ہم کیا ہیں ؟ یہ جاننا شاید اتنا مشکل نہ ہو مگر یہ ماننا بہت مشکل ہے۔شیطان کے ساتھ بھی یہی ہوا۔عمر بھر کی ریاضت کے بعد اس نے ایک مقام حاصل کر لیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ایک ایسی رکاوٹ عبور کر لی جو اس کی نوع کے لئے خواب سے بھی بڑھ کر تھی۔وہ خدا کے مقربین میں شامل ہو گیا۔یہاں اگر وہ یہ سمجھتا تھا کہ اس نے منزل کو پا لیا تو وہ یکسر غلط تھا۔عشق کی راہوں پر کوئی منزل نہیں ہوتی۔صرف راستہ ہی راستہ ہوتا ہے اور راستہ بھی ایسا جو ہر قدم دشوار ہوئے جاتا ہے۔
اسے بھی ایک ایسے ہی امتحان میں لا پھینکا گیا۔بنا سوچے سمجھے اطاعت کا حکم ہوا۔وہ مانتا تو اپنی سرشت سے غداری کا مرتکب ہوتا اور نہ مانتا تو بغاوت کا۔مولانا روم فرماتے ہیں۔
 "When a master places a spade in the hand of a slave,
The slave knows his meaning without being told."
	شیطان کے ہاتھ میں بیلچہ (عقل،شعور، منطق، پرکھ، علم)تو مالک نے بہت پہلے تھما دیا تھا۔وہ قعرِ مذلت کا باسی تھا۔ایسے دیس میں رہتا تھا جہاں ہر سمت گناہ، سیاہ کاریوں اور برائیوں کے غلغلے تھے۔ایسے میں اس نے اپنے بیلچے کو استعمال کیا اور اپنے  لئے ایسی راہ تخلیق کی جو اسے سیدھی خدا تک لے آئی۔وہ ہزاروں برس تک عبادت کی جس بھٹی میں جل کر اس مقام تک آ پہنچا تھا وہ یکایک غیر متعلق ہو گئی۔اس کا سارا پرانا مقام،اس کی ساری عبادت،ساری ریاضت اسے غیر اہم نظر آنے لگی کیونکہ وہ اب ان ملائکہ میں بود و باش رکھتا تھا جنہیں گناہ کا احساس بھی چھو کر نہیں گزرا تھا۔جن کا ہر سانس بارگاہِ الہی کے لئے شکر سے بھر ا تھا۔وہ ایسے میں کیا کرتا؟اس کے دل میں اگر کوئی سوال بھی اٹھتا تو اسے خوف محسوس ہوتا کہ کہیں وہ گناہ کا مرتکب تو نہیں ہو رہا۔اور پھر اسے ایک امتحان میں ڈال دیا گیا۔امتحان بھی ایسا کٹھن کہ وہ ملائکہ جو خدا کے ہر حکم کو بلا چون و چرا بجا لاتے تھے وہ بھی سوال کرنے پر مجبور ہو گئے۔
"Behold, thy Lord said to the angels: "I will create a vicegerent on earth."They said: "Wilt Thou place therein one who will make mischief therein and shed blood?- whilst we do celebrate Thy praises and glorify Thy holy (name)?" He said: "I know what ye know not."
 (2:30)    
	جن کے اعتراضات کو دور کرنے کے لئے خدا کو آدم کو ناموں کا علم دینا پڑا۔ایسے میں شیطان کیا کرتا؟اس کی سرشت، اس کا علم، اس کی منطق، اس کا دل سب گواہی دے رہے تھے کہ یہ سجدہ اسے جائز نہیں ہے۔پر سجدہ نہ کرنے کا مطلب خدا کی حکم عدولی تھا۔یہی وہ مقام ہے جہاں شیطان کائنات میں اپنے مقام کو پہچان جاتا ہے۔وہ جو ہزاروں برس کی عبادت اور جستجو کے بعد بھی خود کو پہچان نہ سکا آج وہ خود کو پہچان لیتا ہے اور جان جاتا ہے کہ خدا نے کیوں اس کی تخلیق کی۔اور بڑا دل چاہیے ہوتا ہے اس realizationکے لئے بھی۔ہم میں سے کتنے ہیں جو اپنے اندر بیٹھے evilکو دیکھ لیتے ہیں۔ہم جانتے ہیں کہ ہم اسے اپنے اندر سے نکال نہیں سکتے کیونکہ وہ ہمارا حصہ ہے مگر ہم پھر بھی آنکھیں بند کر لیتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ تقدس کی کسی موٹی سی ردا سے خود کو ڈھانپ لیں تاکہ نہ تو کوئی اور نہ ہی ہم خود اپنے اندر کے شر کو دیکھ سکیں۔
	مگر شیطان ہم سے بہادر نکلا۔اس نے خود کو جانا اور مان لیا۔وہ مسکرایا اور اپنی ساری عمر کی متاع کو مٹی میں ملا کر حکم ِ خداوندی کے سامنے کھڑا ہو گیا۔ایک اور امتحان کی بھٹی میں جلنے کے لئے تیار ہو گیا۔خدا نے اسے مردود کہا تو وہ بے عملوں کی طرح ڈھے نہیں گیا۔اس نے خود کو پہچان کر نہ صرف مان لیا بلکہ اس مقصد کے لئے عمل پر بھی تیار ہو گیا اور بولا
"He said: "Give me respite till the day they are raised up." (Allah) said: "Be thou among those who have respite." He said: "Because thou hast thrown me out of the way, lo! I will lie in wait for them on thy straight way:"
 (7:14-16)	     
	خداوند تعالی نے اسے مہلت دی اور یوں سارا کھیل شروع ہو گیا۔مجھے یقین ہے کہ جب یہ ساری بساط لپیٹ دی جائے گی اور جنت و دوزخ کا فیصلہ ہو گا تو شیطان کو جہنم کے سب سے گہرے گڑھے میں ڈال دیا جائے گا اور اس کا عذاب سب سے سخت ہو گا۔پر پتہ نہیں کیوں مجھے یہ بھی لگتا ہے کہ وہ پھر بھی خدا کا شکر بجا لائے گا کہ خدا نے اسے وہ کام کرنے کی توفیق عطا فرمائی جس کے لئے اس کی تخلیق کی گئی تھی۔
٭٭٭

گڈریے کا بیٹا

	گڈریے کے بیٹے نے صبح تڑکے وضو کرتے ہوئے اپنے باپ سے کہا کہ رات میں نے عجب خواب دیکھا۔ میں نے دیکھا کہ سفید جبے میں ملبوس ایک نورانی بزرگ میرے سر پر ہاتھ پھیر رہے ہیں اور کھانے کو مجھے انگور کا ایک گچھا دیتے ہیں جس کے شیریں ذائقے کا لمس میں اب تک محسوس کرتا ہوں۔
	گڈریا مسکراتے ہوئے بولا:
	’’ وہ یقیناً شیطان لعین ہو گا۔ گڈریا کہ جس کی امانت میں سینکڑوں بھیڑیں ہوں کبھی ایسی گہری نیند نہیں سویا کرتا کہ خواب دیکھ سکے۔ بہت استغفار پڑھا کرو اور کچھ دن اپنی چارپائی بھیڑوں کے باڑے میں ہی ڈال لو۔ پھر دیکھتا ہوں کہ خواب آتے ہیں یا نہیں۔‘‘
٭٭٭

ایک بد دعا اس کے جسم پر بین کرتی تھی

	ایک شکاری تھا جو بھٹک کر کسی ایسے جنگل میں پہنچ گیا جہاں کبھی کسی آدم زاد کا گزر نہیں ہوا تھا۔ جانور بڑی بے پروائی سے گھومتے تھے۔ وہ ایک ایسی جگہ تھی جہاں کسی کو نہ خوف تھا اور نہ کوئی حزن سے دوچار تھا۔ 
	اتنا سارا شکار اپنے سامنے دیکھ کر شکاری رہ نہیں پایا اور اس نے سامنے پانی پیتے ایک ہرن کو نشانہ بنا کر گولی چلا دی۔ پورے منظر میں جیسے ہلچل مچ گئی۔ جانور، پرندے، حشرات الارض سب اس منظر سے نکل گئے۔ رہ گئے تو صرف پودے کہ ان کی جڑیں زمین میں بہت گہری تھیں۔
	ہر طرف سناٹا تھا اور وہ سناٹا اتنا گہرا تھا کہ شکاری زخمی ہرن کے سانس لینے کی صدا بھی سن سکتا تھا۔ وہ ہرن جو منظر کے ساتھ بھاگ نہ پایا اور اب پتھرائی آنکھوں سے اپنے جسم میں بنے اس مختصر سے رخنے کو دیکھتا تھا زندگی جس سے بہی جاتی تھی۔ اس دن اس ہرن کے جسم سے خون کے ساتھ ایک بد دعا بھی نکلی۔۔۔۔۔۔ بد دعا جس نے شکاری کے پورے جسم کو ڈھانپ لیا۔ ایک ایسی اوڑھنی کی طرح جسے اتارا نہیں جا سکتا تھا۔
	اور اس کے ساتھ گویا پورا جنگل اس کے  لئے اجنبی ہو گیا۔ وہ جدھر نگاہ ڈالتا منظر کہیں چھپ جاتے اور وہ گویا کسی لق دق صحرا میں کھڑا رہ جاتا۔ کہتے ہیں کہ وہ شکاری کئی دنوں تک وحشت کے عالم میں اس جنگل میں گھومتا رہا۔۔۔۔۔۔۔۔۔ دائروں کی شکل میں پر گھومتا رہا اور اسے باہر نکلنے کا راستہ نہ ملتا تھا۔ نہ پینے کو پانی کی ایک بوند ہی ملتی تھی اور نہ کسی درخت کا سایہ۔ 
	پھر وہ دن آیا جب اس کی جھلسی ہوئی نحیف لاش اس جنگل میں پڑی تھی اور ایک بددعا تھی جو اس کے جسم پر بین کرتی تھی۔ 
٭٭٭

ایک شبیہ جو اظہار مانگتی تھی

	اس کے اندر ایک عجیب آگ تھی۔ ایسا لگتا تھا جیسے پیدائش کے لمحے سے اسے خبر تھی کہ اسے کیا کرنا ہے۔ اس نے دنیا بھر کی خاک چھانی، سنگ تراشی کے علوم سیکھے، حسن کی حقیقت کھوجتا رہا۔۔۔۔۔۔۔ اور پھر ایک دن وہ مقدس پہاڑ سے سنگِ مرمر کا بہترین ٹکڑا اٹھا لایا اور برسوں کی محنت شاقہ کے بعد اسے دنیا کے حسین ترین مجسمے میں ڈھال دیا۔
	مجسمے کی کاملیت نے دیکھنے والی آنکھوں کو دنگ کر دیا۔ فن کے قدردان تھے کہ دنیا کے کونوں سے جوق در جوق اس شاہکار کو دیکھنے چلے آتے تھے۔ شکی سے شکی مزاج اور قنوطی سے قنوطی نقاد بھی اس تخلیق میں کوئی سقم نہ ڈھونڈ پائے۔
	پر وہ سنگتراش پھر کبھی مجسمے کو دیکھنے نہ آیا اور اس ساری دادو تحسین سے بے پروا دیوانہ وار گلیوں میں پھرتا تھا، مے خانے کی سیڑھیوں پر دھت نظر آتا تھا اور طوائفوں کے بانہوں میں ساکت پڑا رات رات بھر چھت کو دیکھتا تھا۔
	لوگ اسے دیوانہ سمجھتے تھے پر مجھے لگتا تھا کہ جیسے اس کے اندر بس ایک بہت بڑا خلا ہو گیا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔اتنا بڑا خلا کہ وہ پورے شہر کی زندگی بھی اپنے اندر سمو لیتا تو سناٹا پھر بھی گلے میں ڈھول ڈال کر ناچتا رہتا۔
٭٭٭


اندھیروں کی کہانی

	میں اس کہانی کو کہاں سے شروع کروں کہ کوئی سرا میرے ہاتھ نہیں آتا۔ کبھی سوچتا ہوں کہ شاید کوئی آغاز ہے بھی اس کا کہ نہیں ؟یہ اندھیرے کی طرح ہے۔ذرا آنکھ اٹھا کر افق سے ابھرتے ہوئے سورج کو دیکھو۔روشنی کے پر امید پیامبر کس دھوم سے اندھیرے کو کھاتے چلے جا رہے ہیں۔اپنے مرکز،اپنے سورج سے نکل کر۔مگر ایک لمحے کو سوچو کہ اس اندھیرے کا مرکز کہاں ہے؟
	شاید اسی سورج میں ؟
	مگر وہ تو روشنی ہے؟
	یہ کہانی اندھیروں کی کہانی ہے،ان اندھیروں کی جن کی پہچان صرف روشنیوں کا عدم وجود ہے۔
	تو پھر میں اسے کہاں سے شروع کروں ؟
	ایک کتا تھا جو بچوں کے پھینکے پتھروں سے بنے زخم چاٹتا تھا اور سمجھ میں آنے والی آواز میں ہولے ہولے روتا تھا۔
	ایک مزدور تھا جو پسینہ بہاتا تھا اور مر جاتا تھا۔پھر کسی اندھیری کوٹھڑی میں پیدا ہوتا اور مر جاتا،صدیوں سے اس کا یہی چلن تھا۔
	یا پھر ایک بیٹی ہے کسی کی جسے پاگل کر دینے والی بھوک نے بازار میں لا کھڑا کیا ہے (اور بھوک صرف روٹی کی تو نہیں ہوتی،خوابوں کی بھی ہوتی ہے)۔اب اس کی ایک ایک ادا کے خریدار ہیں مگر کوئی بھی ایسا نہیں جو اسے بیٹی کہے۔
	ایک کتا،ایک مزدور،ایک طوائف۔۔۔۔۔۔کسی کہانی کے  لئے کوئی اچھا آغاز نہیں۔
	میں اس کہانی کو کہاں سے شروع کروں ؟
	چلو یوں کرتے ہیں جیسے زندگی کی ہے۔کوئی آغاز،کوئی انجام،کوئی راہگزر،کوئی ہمسفر کچھ نہیں۔بس درد ہے کوئی جو بے دوا ہوا جاتا ہے۔
	تو ایک کتا،ایک مزدور اور ایک طوائف سبھی رہتے تھے اور روتے تھے اس شہر کے اندر جس میں،میں رہتا تھا اور اس رات میں سڑک پر سویا۔دریا کنارے میلوں تلک پھیلا وہ فٹ پاتھ جس کے قریب پتھر کی بنچ تھی، پہلی ہی نظر میں مجھے اپنا لگا۔جب میں بنچ پر ٹیک لگا کر بیٹھ گیا تو لگا جیسے مجھے گھر مل گیا ہو۔ایسا ہوتا ہے۔جب لامحدود فطرت کے سامنے انسان خود کو بے حقیقت لگنے لگے تو وہ کسی آنچل،کسی گھر،کسی مقصد میں منہ چھپا کر بیٹھ رہتا ہے۔ریت میں سر دبائے شتر مرغ کی طرح وہ خود کو بہت محفوظ سمجھتا ہے۔میں بہت دیر شاید یونہی پڑا رہتا کہ ایک ہلکی سی آہٹ نے مجھے متوجہ کیا۔ وہ ایک بد رنگ،مرنجان اور میلا سا کتا تھا،جو بڑی بے یقینی اور غصیلی نگاہوں سے مجھے دیکھتا تھا۔کچھ یوں جیسے کوئی رات گئے اپنے بستر پر کسی اجنبی کو دیکھ لے۔مجھ سے پہلے یہ بنچ شاید اس غریب کا بسیرا تھی۔
	اس ایک لمحے کے بعد جس میں ہم دونوں نے ایک دوسرے کو بھانپ لیا میں نے اکتائے ہوئے لہجے میں کہا۔
	’’یہ اب میرا گھر ہے،میں نے سب کچھ دے کر اسے خرید لیا ہے۔‘‘
	مگر وہ اسی انداز میں مجھے تکتا رہا۔اس کی ابھری پسلیوں سے اچھلتا دل صاف محسوس ہو رہا تھا۔وہ مجھ سے خوفزدہ تھا اور مجھے ڈرانا بھی چاہتا تھا،اس لئے دھیرے دھیرے غرانے لگا۔مگر وہ مجھے کیا ڈراتا ؟میں تو پہلے ہی جہاں بھر کے خوف سے دبک کر یہاں بیٹھا تھا۔اب یہاں سے اٹھ کر کہاں جاتا۔تنگ آ کر میں نے اسے ایک چھوٹا سا پتھر دے مارا اور پھر جیسے کوئی بہت بڑا شیش محل ٹوٹ گیا ہو،جس سے اس کی روح لہو لہو ہو گئی ہو۔وہ اداس،بہت اداس ہو گیا۔پھر ہارے ہوئے جواری کی طرح وہ لڑکھڑاتے قدم اٹھاتا میری طرف بڑھا اور اب کہ اس کے انداز میں کچھ تھا کہ میں اسے نہیں روک سکا۔ اس نے بنچ کے قریب کچی زمین پر پنجے مارے اور تھوڑی دیر میں ایک بوسیدہ سی ہڈی منہ میں دابے وہ وہاں سے چلا گیا۔ گھر خالی ہو چکا تھا نئے مکین کے  لئے۔میں نے صرف یہی سوچا کہ جس دن مجھے جانا ہو گا تو میرے پاس شاید کوئی ہڈی بھی نہ ہو۔
٭٭٭


مشینوں کے خواب

	لوگوں کو اب بھی خواب دیکھنے کی آزادی ہے مگر صرف صحیح طرح کے خواب۔ اکیسویں صدی کی ہر مشین کے لئے مخصوص خواب ہیں۔ آپ ایک افریقی کے خواب لے لیں۔۔۔۔ چھوٹے چھوٹے اور سادہ سے خواب۔ جیسے صاف پانی کا ایک گلاس، روٹی کے چند نرم ٹکڑے، ایک دن جس میں کوئی موت واقع نہ ہو۔ یہ سب خواب ایک ساعت میں مکمل ہو سکتے ہیں بس اگر انہیں امریکہ کے کسی کوڑے دان میں زندگی گذارنے کی اجازت دے دی جائے۔ وہ وہاں کھانا اور پانی ایسی مقدار اور معیار کا پائیں گے جیسا شاید ان کے پورے ملک میں نہ ہو۔
	لیکن کوئی بھی انہیں اس کی اجازت نہیں دے گا۔ پھر خواب اس لئے تو نہیں ہوتے کہ ان کی تکمیل کر دی جائے۔ ان کی تشنگی ہی تو ہمیں آگے بڑھنے کی طاقت فراہم کرتی ہے۔ ان کی تکمیل سے تو سارا تہذیبی کانچ محل ٹوٹ جائے گا۔
	ایسے ہی مختلف خواب ہیں۔ ایک پاکستانی کے خواب، ایک فلپینو کے خواب، ایک برازیلین کے خواب، ایک فرنچ کے خواب۔۔۔۔یہ یقیناً افریقی خوابوں سے پیچیدہ تر ہیں مگر ایک چیز جو ان میں مشترک ہے وہ ہے ان کا ناقابل حصول ہونا۔
	اور یہاں ایسے بدقسمت بھی ہیں جو نہیں جانتے کہ انہیں کیا خواب دیکھنا ہیں۔ میں نے مغربی شراب سے بھرے سمندروں میں مشرق کو پیاسا دیکھا ہے۔ وہ لوگ جو اجنبی سرزمینوں میں اپنے خوابوں کے بیج بوتے رہے۔ وہ نہیں جانتے کہ بیج اور مٹی میں ایک رشتہ ہوتا ہے۔ پہاڑوں کے چنار صحراؤں میں نہیں اگا کرتے اور اگر اگتے بھی ہیں تو پستہ قامت آرائشی پودوں کی صورت۔ تو آج مغرب کے دل میں بسا مشرق ایسے ہی آرائشی پودوں کی چھاؤں میں جھلس رہا ہے۔ اور انہیں پھر بھی سمجھ نہیں آتی کہ غلطی کہاں ہوئی ہے ان سے۔
	ہماری بات ادھوری ہو گی اگر ہم اس خواب کا ذکر نہ کریں۔ ایک ایسا خواب جس سے آج کا ہر انسان خود کو جڑا محسوس کرتا ہے۔۔۔۔۔۔۔ امریکن ڈریم۔۔۔۔۔۔۔زیادہ پیچیدہ مشینوں کے  لئے، بہت ترقی یافتہ روحوں کے لئے اب آتا ہے ایک آخری خواب (ایک مکمل عذاب)۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ایک خواب جو بہت پیچیدہ، لایعنی اور خطرناک ہے مگر ساتھ میں تہذیبی ترقی کا سب سے بڑا منبع بھی ہے۔
	تو اب اگر کوئی سوال کرتا ہے کہ آیا مشینیں خواب دیکھ سکتی ہیں تو میرا جواب ہو گا کہ ہاں مشینوں کے لئے خواب ہیں۔ مگر نہیں وہ خواب دیکھ نہیں سکتیں۔ ہم انہیں مفید، قابل بھروسہ، سریع جو چاہے کہ ڈالیں اور میں تو انہیں ایک حد تک با شعور ماننے پر بھی تیار ہوں مگر وہ اتنی زندہ نہیں ہیں کہ خواب دیکھ سکیں۔
	اور کچھ الفاظ ماضی کے ان عظیم خوابوں کے نام۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وہ شاہکار خواب خدا اب بھی سانس لیتا ہے (گرچہ تہذیب کے بوجھ تلے دبا بڑی آہستگی سے )محبت اب بھی ایک ایسی الجھن ہے جس کا جواب کوئی نہیں (مگر صرف چند خوش قسمت روحوں کے لئے)تو مشینوں کی ان جی اکتا دینے والے زند گیوں کے ساتھ ساتھBlue guitaristکی افسردگی، Crime & Punishmentکی منطق، Mozartکی دھنیں بھی زندہ ہیں۔ ہاں کچھ لوگ ہیں جو اب بھی زندہ ہیں، جو اب بھی خواب دیکھ سکتے ہیں۔ لیکن ان سے پرے اربوں میکانکی گردنیں ہیں جو ایک پروگرامڈ لے پر گھومتی ہیں۔ وہ روشن جبینیں جو ہر اس شئے پر جھک جاتی ہیں جسے وہ سمجھ نہیں سکتیں، وہ آنکھیں جن کی آگ پردہ سکرین پر ابلتے آتش فشانوں سے زیادہ بے حدت ہوتی ہے۔۔۔۔ اور یہ سب دیکھ کر ہمیں ایک بہت بڑی ناکامی کا احساس ہوتا ہے۔
	لیکن میں ان کی طرف کیوں دیکھوں ؟ میں اتنا بیوقوف تو نہیں ہوں کہ مشینوں سے باتیں کرنے لگوں۔ میری کہانی تو ان سہمی ہوئی روحوں کے لئے ہے جنہوں نے مشینوں کے اجسام میں خود کو کیموفلاج کر لیا ہے۔ اور اس دبکی ہوئی زندگی میں ایسے لمحات کا غلبہ ہے جب وہ بھول جاتے ہیں کہ وہ ابھی زندہ ہیں۔ انہیں بس چھوٹی چھوٹی چیزوں سے اپنے انسان ہونے کا احساس ہوتا ہے۔ جیسے شیشے پر ابھرتی دھند سے ہمیں اپنے سانس لینے کا احساس ہوتا ہے۔ یہاں ایسے لمحات بھی آتے ہیں جب وہ حقیقی معنوں میں زندہ ہوتے ہیں۔ بہت زیادہ زندہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔جتنا کہ انسان کبھی تھا۔ جتنا کہ انسان کبھی ہو سکتا ہے۔ ایسے میں لوگ جلتے گھروں سے بچوں کو بچا لاتے ہیں، بھوک سے لرزتے ہاتھوں سے انقلاب کا Manifesto لکھتے ہیں، اس بے رحم حقیقت پسندی کے بیچ محبت کرتے ہیں َ۔
	میں ان لمحات کی تلاش میں ہوں۔ میں انہیں اکٹھا کروں گا،Glorifyکروں گا اور ڈھال دوں گا انہیں مستقبل کے خوابوں میں۔۔۔۔۔۔۔۔ خواب جو مشینوں کی پہنچ سے بہت دور ہوں گے۔
٭٭٭

نور کی اِک بوند

	نور کی اِک بوند، نوری سالوں کی مسافت سے ہانپتی ایک ایسی دھرتی پہ سستانے کو رکی جہاں ہر سمت اندھیروں کے دیو چنگھاڑتے تھے۔ اس نے بلند و بالا پہاڑوں سے پوچھا، ناگوں کی طرح بپھرتے سمندروں کے پاس گئی، موجوں کی صورت امڈتے بادلوں سے ملی، زمیں سے آسماں تک پھیلے درختوں کو صدا دی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔پر اس آسیب زدہ نگر نے ایک بے اعتنائیت، ایک بے مروتی سے بھری بے شرمی سے اسے نظر انداز کر دیا۔
	ہاں مگر گندی چکنی مٹی کے جوہڑ کے بیچ گلتے سڑتے ایک خاک کے پتلے نے مسکراتے ہوئے اسے اپنے دل کا مسکن پیش کیا۔ اس کی اس بات پر اندھیر نگر میں ایسا قہقہہ ابھرا کہ جس کی گونج سے آج بھی تیرگی کا دامن بھرا ہے۔ وہ قہقہہ ایسا تحقیر آمیز تھا کہ اس خاک کے پتلے نے شرم اور خوف سے اپنی آنکھوں کو بند کر لیا اور چہرے کو گھٹنوں کے بیچ چھپا لیا۔
	بہت سال گزر گئے۔ نجانے کتنا کچھ بدل گیا۔ کچھ تو ہوا ہے جو اب مہیب اندھیروں کی ہولناک صدائیں اسے ڈراتی نہیں۔ کوئی تو ہے جو اب کبھی کبھار خوبصورت سروں میں ایسا گاتا ہے کہ اس کے ہاتھ خودبخود اپنے پپوٹوں کو کھولنے کو بیتاب ہو جاتے ہیں۔کچھ تو ہوا ہے جو اب کبھی کبھی اس کا جسم ایسی ٹھنڈک سے بھرا جاتا ہے جیسے کوئی فرشتہ یہاں دم لینے کو رکا ہو۔
	مگر وہ اتناسہما ہے کہ آنکھیں کھول ہی نہیں پا رہا۔ اس کون بتائے کہ وقت کی اس صبح نور کی بوند نے اس کی درخواست مان لی تھی۔ وہ اس دن سے اس کے دل میں بیٹھی ہے اور اب اس کے جسم سے اتنی روشنی پھوٹتی ہے کہ اندھیر نگر کا سارا طلسم بھسم ہوا جاتا ہے۔ نوری سالوں میں بکھری کائناتوں میں شاید ہی کوئی ہو جس اب اس راز سے نا آشنا رہ گیا ہو مگر۔۔۔۔۔۔ہائے وہ بدنصیب جو اب بھی اپنی آنکھوں کو کھولنے کا حوصلہ نہیں لا پاتا!	
ائی                                                                                                                            ٭٭٭


عظیم کہانی کے اندھیرے


	ایسی چیزیں ہوتی ہیں جو گرچہ بہت سامنے ہوتی ہیں مگر ہم انہیں دیکھ نہیں پاتے۔۔۔جیسے ہم انہیں دیکھنا ہی نہیں چاہتے۔شاید اس لئے کہ وہ بہت بے رحم ہوتی ہیں۔بہت سرد،اتنی ناشائیستہ کہ آپ انہیں اپنا احساس قرار دینے سے کتراتے ہو۔لیکن ہمیں سمجھنا چاہیے کہ انسانیت محض ’’انسانی طرزِ عمل‘‘سے بہت بڑھ کر سوچ سکنے پر قادر ہے۔انسان بہت پیچیدہ مخلوق ہے۔ ایک اخلاقی ذی روح کا تصور اپنی فلاں فلاں deviation کے ساتھ ہمیں سمجھنے کے لئے ناکافی ہے۔میرے نزدیک ایک غیر اخلاقی یا unmoralزندگی بھی (قوسِ قزح فکر کی ساری gradationsکے ساتھ)سچائی کا ایک پہلو ہو سکتی ہے۔
	مگر کہاں۔۔۔۔۔بائیبل سی الہامی کتابوں نے ہماری سوچ کو مسخ کر دیا ہے۔ شیطان،  original sin، جنت و دوزخ ایسے نظریات نہیں ہیں کہ ایک عام آدمی جن کے سائے سے بچ سکے۔گہرے سائے جنہوں نے اس کی فکر کو چاروں طرف سے گھیر ے رکھا ہے۔سو تشکر سے ہماری آنکھیں جھک جاتی ہیں جب ہم عیسیٰ کو صلیب کی طرف جاتے دیکھتے ہیں،انسانیت کی اچھائی پر ہمارا یقین بڑھ جاتا ہے جب ہم ابراہیم کو اپنا بیٹا قربان کرتے دیکھتے ہیں۔اور اس عظیم کہانی کی بے پناہ روشنی میں ہم اپنے اندر چھپے اندھیروں کو بھول جاتے ہیں۔اندھیرے جن کی آغوش میں نجانے کتنے سورج پڑے سوتے ہیں۔وہ کہیں آنکھیں موندے،دبکے ہیں اور ہم یہاں انکے وجود سے بھی انکاری بنے بیٹھے ہیں۔بیگانگیِ ذات کا یہ عمل ہمیں حقیقت کا صرف ایک ہی رخ دیکھنے پر مجبور کر دیتا ہے۔اب باقی ہر چیز ہمارے  لئے غیر ضروری، لایعنی اور بیکار ہو جاتی ہے۔۔۔۔۔چیزیں جنہیں ہم ذہن کے جنک یارڈ میں سڑنے کے  لئے چھوڑ دیتے ہیں۔ اب انہیں ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ایسی نگری میں رہنا ہے جہاں سے ہم نہ تو ان کی آواز سن سکتے ہیں اور نہ ہی کسی ایسی یاد کو محسوس کر سکتے ہیں۔
	یہی بیگانگی ہمارا اصل المیہ ہے۔ہم اس بیگانگی کو محض آلاتِ پیداوار سے بیگانگی تک محدود نہیں کر سکتے۔یہ تو وہ آکاس بیل ہے جو ہر ممکن سمت سے شجرِ زندگی پہ چڑھی جا رہی ہے۔
٭٭٭

بنجر منطق

	بڑے اچھے بیج بنجر زمین میں ڈال دو اور مہینوں گوڈیاں کرو، کھاد ڈالو اور پودے کی کونپل سر نہ نکالے تو بیجوں کو قصوروار وار ٹھہراؤ۔۔۔۔۔۔بنجر زمینوں کی منطق بانجھ ہوتی ہے جس کی کوکھ سے کبھی سچ جنم نہیں لیتا۔پر پھر بھی یہ کہانی دہرائی جاتی ہے،بار بار سننے میں آتی ہے۔ اس لئے نہیں کہ لوگ بیوقوف ہوتے ہیں،اس لئے نہیں کہ لوگ خسارے میں ہیں۔بس اس لئے کہ وہ ایک بڑے سچ کو دیکھتے ہیں۔سچ جو اک خواب کی صورت ہر دل میں چھپا رہتا ہے۔ وہ خواب جو جاگ جائے تو پتھروں سے بھی بھی کونپلیں پھوٹ پڑا کرتی ہیں اور پھر وہ ایک کونپل ہی تو ہوتی ہے جو پوری دھرتی کو سرسبز کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔
٭٭٭


یہ شہر میرے دشمنوں کے لئے بہت چھوٹا کر دیا گیا ہے

	اور یہ شہر بہت بڑا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ اجنبی یہاں بہت آسانی سے کھو سکتے ہیں (اور ایسا ہوتا بھی ہے)۔ایسے میں ہمیں راستوں کو پہچاننے کے لئے نشانیاں یاد کرنا پڑتی ہیں۔۔۔مریم کے گرجے کے ساتھ والی عمارت،نہر کا پانچواں پل،بوہڑ والا درخت۔۔۔قبیل کی اصطلاحات جنم لیتی ہیں۔لیکن میرے دشمنوں کے لئے یہ شہر بہت چھوٹا کر دیا گیا ہے۔اتنا کہ وہ اپنی گھات میں بیٹھے میری ہر حرکت پر نظر رکھ سکتے ہیں۔اتنا کہ ہر راستہ بالآخرجیسے اسی گھات کی طرف جا نکلتا ہے۔میں جیسے کسی بھول بھلیوں میں گھومتا ہوں اور وہ باہر نکلنے والے واحد راستے پر بیٹھے ہیں۔ اس ساری کشمکش کا منطقی نتیجہ تو صرف ایک ہی ہے۔پر میں اسے نہیں مانتا اور بھول بھلیوں میں گھومتا رہتا ہوں۔
	کئی دفعہ ایسا ہوا کہ میں کسی متروک مین ہول میں جا چھپا،کسی اونچے درخت پر بیٹھ گیا،خو د کو ریت میں چھپا لیا۔۔۔ایسے میں وہ لوگ تھوڑی دیر تک تو میرے نکل آنے کے منتظر رہتے اور پھر وہ جیسے اس بے معنی انتظار سے تھک جاتے اور اپنی کمین گاہ سے نکل آتے۔اب وہ جھلائے ہوئے نظر آتے اور پاؤں پٹخ پٹخ کر زمین پر چلتے۔شاید وہ واقعی غصے میں ہوتے تھے یا پھر شاید وہ بس مجھے ڈرانا چاہتے تھے۔قدموں کی یہ دھمک ان کی دہشت ناک چنگھاڑوں کے ساتھ میرے قریب آتی جاتی اور پھر میں بس اور دبکا نہ رہ سکتا اور چیختا ہوا وہاں سے بھاگ نکلتا۔
	میں جانتا تھا،بڑی اچھی طرح جانتا تھا کہ میری چیخ سڑک پر گرائے ڈبل روٹی کے ٹکڑوں کی طرح انہیں میرے راستے کی خبر دے رہی ہے۔پر میں پھر بھی چیختا رہتا۔۔۔۔اور کسے خبر کہ واقعی میرا ٹھکانہ بڑا محفوظ ہوتا۔ایسا کہ جس کا گمان بھی ان کے شعور پر وارد نہ ہو سکتا تھا۔تو ایسے میں اگر انہوں نے اپنے قدموں کو زور زور سے پٹخا یا پھر بھیانک آوازوں میں چیخے تو محض اس لئے کہ مجھے خوفزدہ کیا جا سکے۔اگر وہ واقعی مجھے پکڑنا چاہتے تو پھر انہیں ایسے اہتمام کی کیا ضرورت تھی؟
	وہ بس دبے پاؤں آتے (میں جانتا ہوں کہ وہ ایسا کرنے پر قادر ہیں۔۔۔۔گو ہمیں ایسا لگتا نہیں ہے۔جب ہم کسی خونخوار درندے جیسے شیر وغیرہ کو چنگھاڑتے سنتے ہیں اور اس کے بھاری بھرکم وجود کو دیکھتے ہیں تو ہم ہمیشہ دھوکہ کھا جاتے ہیں۔مگر اس کا دوسرا روپ دیکھنا ہو تو آپ کو اسے شکار کے وقت دیکھنا چاہیے۔وہ بڑی خاموشی سے خود کو جھاڑیوں میں چھپا لیتا ہے۔اتنی خاموشی کہ جیسے اس کا دل دھڑکنے کی صدا بھی خاموش ہو گئی ہو۔اور پھر شکار قریب آنے پر وہ چشمِ زدن میں ایک لمبی جست کے ساتھ اس پر سوار ہو جاتا ہے۔۔۔۔ہم اکثر ان کا یہ دوسرا روپ نہیں دیکھ پاتے۔انہیں کوئی بھی نہیں دیکھ پاتا۔وہ بدقسمت شکار تو بالکل بھی نہیں جس پر یہ بڑی بے رحم حقیقت پسندی سے کھلتا ہے۔اور ہمیں لگتا ہے جیسے وہ ایسا کچھ کرنے پر قادر نہیں ہیں )اور کان سے پکڑ کر مجھے باہر نکال لیتے (جیسے کبھی بچپن میں الماری کے پیچھے سے ماں مجھے نکالا کرتی تھی۔۔۔میں بھاگ کر کہیں بھی چھپ جاتا پتہ نہیں کیسے اسے خبر ہو جاتی اور وہ ناک کی سیدھ میں اس جگہ کی طرف چلی آتی۔ایسے لگتا تھا جیسے اس کی آنکھیں بڑی طاقتور ہیں۔جیسے کہ وہ لوہے کی الماریوں اور سیمنٹ کی دیواروں کے پار بھی دیکھ سکتی ہو۔پر سچ یہی ہے کہ وہ مجھے اتنی جلدی بس اس لئے ڈھونڈ پاتی تھی کہ اسے مجھ سے بہت محبت تھی اور وہ مجھے اُس تنگ و تاریک جگہ میں خوف سے دبکے نہیں دیکھ سکتی تھی)۔۔۔۔
	لیکن وہ ایسا نہیں کرتے تھے۔انہیں مجھ سے اتنی محبت کہاں تھی؟ وہ تو بس مجھے خوفزدہ کرنے کو اونچی اونچی آوازوں میں ہنستے تھے،زور زور سے پیروں کو زمین پر مارتے تھے،اپنے ہتھیاروں کو راستے کی چیزوں سے ٹکراتے تھے۔۔۔۔اور میں ایک غیر ضروری حد تک انتظار (اور اذیت اٹھانے ) کے بعد ہمیشہ بھاگ کھڑا ہوتا۔
٭٭٭

مقدس ہاتھ

	میرے رب نے یہ کائنات بنائی اور اسے چھوڑ نہیں دیا۔ وہ ایک بہت بڑے مصور کی طرح برش اسٹروکس لگاتا چلا جاتا ہے۔ کئی رنگ ایسے ہیں، کئی شبیہیں ایسی ہیں جو دیکھنے والی آنکھ سمجھ نہیں پاتی۔ کبھی کبھی تو اربوں سالوں کی تسبیحیں اپنی کلائی پر لپیٹے فرشتے تلک دھوکہ کھا جاتے ہیں۔ کبھی کبھی تو لاکھوں برس کی بے ریا عبادتیں اوڑھے زاہد ششدر رہ جاتے ہیں۔ کبھی کبھی تو پوری کائنات ایک پرہول سناٹے کے بلبلے میں قید ہو کر انتظار کرتی ہے۔ پر وہ رکتا نہیں۔ رنگوں اور شبیہوں سے ایک کے بعد ایک، ایک کے اوپر ایک، ایک کے اندر ایک کائنات بناتا چلا جاتا ہے۔
	کوئی نہیں جانتا کہ یہ ہاتھ کب رکیں گے؟ ہم جانتے ہیں تو بس اتنا کہ یہ کینوس اس کا ہے، اس پہ لگنے والا برش اسٹروک اس کا ہے، اس پہ ابھرنے والی ہر شبیہ پہلے سے بہتر ہے اور اس کا انجام ایک ایسے شاہکار کی صورت ہو گا جس کا خیال بھی سوائے اللہ کے کسی کو سزاوارنہیں۔
	ہم جانتے ہیں تو بس اتنا کہ اس ذاتِ بابرکت کی نگاہِ التفات نے ہمارے جیسے حقیر رنگوں کو مقدس کر دیا ہے اور اس مہلتِ یک لمحہ (ہم جسے زندگی گردانتے ہیں ) کو اتنا مکمل کر دیا ہے کہ ہم اس لمحے کے خمار میں تا ابد جشن مناتے رہیں تو بھی کم ہے۔
	ہم جانتے ہیں تو بس اتنا کہ میرے رب نے یہ کائنات بنائی اور اسے چھوڑ نہیں دیا اور میرا رب یہ کائنات لپیٹ دے گا اور ہر شئے ایسے ختم ہو جائے گی جیسے کبھی تھی ہی نہیں۔۔۔۔۔۔ہاں مگر اس لمحے کو فنا نہیں جس میں ان مقدس ہاتھوں نے ہم حقیر رنگوں کو چھوا تھا۔
٭٭٭


اے ننھی تتلی تو بہت دیر سے آئی ہے

	آج ایک عجیب بات ہوئی۔گہرے رنگوں والی ایک تتلی کہیں سے اڑتی ہوئی آئی اور نجانے کیا سوچ کر میری بوسیدہ سی کھڑکی کے شیشے پر آن بیٹھی۔اس کے بیٹھتے ہی وہ شیشہ اندر کو گرا اور ٹوٹ گیا۔میں نے نہیں دیکھا کہ وہ کہاں گرا۔ میری نظریں تو اس تتلی پر جمی تھیں جو ہوا میں ٹھہری اپنے پروں کو پھڑپھڑا رہی تھی۔وہ یقیناً سوچتی ہو گی کہ ایسا کیونکر ہو گیا۔ وہ تو نازک ترین پھولوں سے رس ایسے چرا لاتی ہے کہ پھولوں تلک کو خبر نہیں ہوتی پھر یہ حادثہ کیسے ہوا؟
	میں تجھے کیسے بتاؤں اے ناداں تتلی۔تجھے ابھی زندگی میں بہت کچھ سیکھنا ہے۔ کھڑکیوں کے شیشے پھولوں سے نازک بھی ہو سکتے ہیں۔یہ تو وقت ہے جو بپھری آندھیوں کے بیچ ننھے پودوں کو بچا لیتا ہے اور تناور درختوں کو جڑ سے اکھاڑ دیتا ہے۔یہ نہ دیکھو کہ تم کس سے مل رہے ہو۔بس یہ دیکھو کہ تم اسے کس حالت میں مل رہے ہو۔
	اگر تم بہت سال پہلے آتی تو تمہیں یہ کھڑکی کھلی ملتی اور ہمارے بچے تمہارے پیچھے بھاگے پھرتے۔اس کمرے میں اتنے رنگ ہوتے کہ تم شاید اسے کوئی باغیچہ ہی سمجھ بیٹھتی۔۔۔۔ اے ننھی تتلی تو بہت دیر سے آئی ہے۔
٭٭٭

جمودی تغیر

	وقت ایک تیز رفتار دریا ہے جس میں لوگ،شہر،چاند تارے،ہوائیں،کرسمس کے دن،لڑکیاں،چمگادڑیں سب بہے جا رہے ہیں۔پانی میں جگہ جگہ منجھدار ہیں۔جگہ جگہ آبشار ہیں۔حرکت یہاں کا واحد اور واضح ترین قانون ہے۔اگر کہیں پانی ساکت بھی ہو جاتا ہے اتنا کہ اس کی سطح پر برف جمنے لگے تو بھی اس برف کی پتلی تہہ کے نیچے روئیں چلتی ہیں۔منجمد برف بھی کہیں تیرے جاتی ہے۔
	ہم سب بہے جا رہے ہیں۔پانی پر قریب آتے تختوں پر ادھر سے ادھر چھلانگیں لگانا ہمارے آزادی کی آخری حد ہے۔مگر ایسے میں کوئی کہے کہ وہ بہاؤ کی مخالف سمت تیر سکتا ہے۔یا پھر برف کے کسی ایسے کنارے کا خواب جو بہتا نہ ہو۔یا کوئی دروازہ جو کائنات کی کسی نئی جہت لے جائے۔۔۔۔۔۔یہ ایسے خواب ہیں جو مجھ ایسے سہمے اور خوفزدہ لوگوں کو سزاوار نہیں۔
	تو ہم پوری زندگی بہتے ہیں،قریبی تختوں پر چھلانگیں لگاتے ہیں (تختے جوسب ایک ہی سمت بہے جاتے ہیں )اور ایک آگ جو ہمارے اندر کہیں دبی رہتی ہے۔ہمارے اندر کوئی ہے جسے ہم پہچان نہیں پاتے۔ایک سویاہوا شیر جو کبھی بھی بیدار ہو سکتا ہے۔ہماری زندگیوں کے اس جمودی تغیر کو روک سکتا ہے۔
	یقین کیجیے کہ یہ کوئی خوشگوار لمحہ نہیں ہو گا۔یقین کیجئے کہ کوئی دروازہ ہمیں اپنے آپ سے بڑی حقیقت سے روشناس نہیں کروا سکتا۔خدا نے بس انسان کو تخلیق کیا اور باقی جو ہے وہ مایا کا جال ہے۔لیکن اگر یہ مصنوعی تغیر ختم ہوا تو ہم پہلے سے زیادہ قابلِ رحم ہو جائیں گے۔کہ ہم پھر سے جان جائیں گے کہ ہم کہیں نہیں جا رہے۔ہم تو ازل سے اسی نکتے پر کھڑے ہیں۔۔۔۔۔۔۔اس بچے کی طرح جس کے کھلونے پر تصویریں حرکت کرتی ہیں اور اسے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ دوسری دنیا کی سیر کو جاتا ہو۔ہم اپنے اندر کے اس وحشی شیر سے ڈرتے ہیں جو جھوٹ کے اس خوبصورت پردے کو پھاڑ ڈالے گا۔جو دھاڑتا ہوا اس دروازے سے پار نکل جائے گا یہ جانے بنا کہ اس طرح دنیا کتنی بے رنگ ہو جائے گی۔
	نہیں بہتر وہی ہے جسے مقدر کی صورت ہماری پیشانیوں پر لکھ دیا گیا ہے۔۔۔۔۔ہم یہیں کھڑے رہ کر دروازے کوحسرت سے دیکھا کریں اور سوچتے رہیں کہ ہم بہت کچھ کر سکتے ہیں۔اِک آس ہمیں رکنے نہ دے اور اِک خوف آگے بڑھنے نہ دے۔۔۔۔۔اور قیامت کا صور پھونک دیا جائے اور ایک ہیبت ناک آواز بلند ہو
	’’تمہیں کس نے غلام بنایا جبکہ تمہاری ماؤں نے تمہیں آزاد جنا تھا۔‘‘
٭٭٭

زندگی کا بھونرا

	یہ ایک واہمہ ہے کہ ہم زندگی کو گزارتے ہیں۔ نہیں زندگی ہمیں گزارتی ہے اور یہ معاملہ بھی ہر وقت نہیں ہوتا۔ نہیں جناب! آپ انتظار کرتے ہو۔ اتنا انتظار کہ آپ کا جسم اینٹھنے لگے تب کہیں جا کر زندگی ہمارے قریب آتی ہے۔ اور وہ بھی بڑی بے مروتی سے۔۔۔۔۔۔ جیسے کوئی حادثہ ہو۔ جیسے بہت گہری بارش میں بھیگتی کوئی حسین لڑکی چند ساعتوں کے لئے آپ کی کٹیا میں آ جائے۔ آپ جانتے ہو کہ وہ آپ کے  لئے نہیں آئی۔ آپ جانتے ہو کہ بادلوں کے آنسو ابھی خشک ہو جائیں گے اور وہ ہمیشہ کے لئے آپ سے جدا ہو جائے گی۔ مگر پھر بھی یہ بہت بڑا واقعہ ہے۔ اتنا بڑا کہ آپ برسوں اس کے خمار میں گذار سکتے ہو۔ گھنی برساتوں میں مدتوں تلک اپنے دوستوں کو بٹھا کر مزے لے لے کر یہ واقعہ سنا سکتے ہو۔
	زندگی بھی کچھ ایسے ہی ہمارے قریب آتی ہے۔ کوئی نوجوان اچھا خاصا چلتا ہوا ایک دم زمین پر گر کر تڑپنے لگتا ہے، کوئی بہت بڑا موسیقار ایک آفاقی دھن تخلیق کرتا ہے، کسی ہوٹل میں کھانے کھاتے ہوئے آپ پچھلی سڑک پر ہوئے بم دھماکے سے لرز جاتے ہو، دفتر سے گھر کے پہچانے سے راستے اور آشنا چہروں کے بیچ نجانے کیسے نظر ایک لڑکی کے چہرے پر ٹھہر جاتی ہے۔
	اور یہ ساعتیں بہت اہم ہیں۔ یہ وہ ساعتیں ہیں جب آپ اپنی تخلیق کے مقصد کو پا لیتے ہو۔ ہم سب جیسے چھوٹے چھوٹے پھول ہیں اور زندگی ایک بھونرا۔ وہ پھول پھول گھومتا، ہمارا رس چوستا گاتا ہوا آگے بڑھ جاتا ہے۔ ہم تھکے تھکے،مضمحل جسموں کے ساتھ جھکے جاتے ہیں۔ مگر یہ بھی تو شاید ایک شکر گزاری ہی ہے۔	
	’’اے مالک! میں ہزاروں پھولوں کے بیچ ایک نا وجود تھا اور تو نے مجھے زندگی کا مسکن بنایا۔ خواہ چند لمحے کو ہی سہی مگر میں اس ابدی زندگی کا مسکن تھا اور اس ایک لمحے میں مجھ سا بے حقیقت گویا زندہ ہو گیا تھا۔‘‘
٭٭٭


گناہوں کی پھوار


	پانی کی سطح اتنی نازک ہوتی ہے کہ بطخ کے پاؤں کا بوجھ بھی نہیں سہار سکتی مگر اس پانی کی گہرائی میں اتر جائیں تو فولادی چادریں بھی پچک جاتی ہیں۔
	گناہوں کی ہلکی پھوار ہمیں بے ضرر اور حقیر لگتی ہے پر اس میں تھوڑی دیر رہ جائیں تو مضبوط سے مضبوط آدمی بھی ٹوٹ جاتا ہے۔
٭٭٭

نیند سے پہلے کا ایک گھنٹہ

	میں نے سر بستر کے پشت سے ٹکا کر جسم کو ڈھیلا چھوڑ دیا۔اور مجھے کچھ یوں محسوس ہوا جیسے میرے دماغ میں چیختے،چنگھاڑتے سارے خیالات بھی رخصت ہو گئے ہوں۔جیسے گولی چلنے پر درختوں پر بیٹھے کوے۔مگر کوے تو ایک چکر لگانے کے بعد پہلے سے زیادہ زور و شور کے ساتھ کائیں کائیں کرتے آن موجود ہوتے ہیں۔ اس لئے شاید یہ مثال کچھ صحیح نہ ہو۔ لیکن میں تو اس لمحے کی بات کر رہا ہوں جو ان خیالات کی واپسی سے پہلے کا ہے اور جس میں یہ مثال بہرحال منطبق کی جا سکتی ہے۔
	تو جب سب خیالات رخصت ہوئے تو مجھے لگا کہ اب میں یکسوئی سے کچھ سوچ سکوں گا۔ کوئی بہتر،کوئی بڑ ا خواب۔۔۔۔ بہت دولتمند بننے کا یا کسی حسین اداکارہ سے شادی کر لینے جیسے حقیر خواب تو میں ہر وقت دیکھا کرتا تھا۔
	مگر ذہن خالی کہاں ہوا؟اس خواب کا خیال تو یہیں ہے نہ! 
	اور نجانے ایسا اور کیا کیا کچھ ہو۔میں اسے خاموش خیالات کہوں گا۔اور ان کی مثال سبز پتوں میں چھپے ہرے طوطوں کی جانو۔جو آپ کے اردگرد بھرے ہوتے ہیں اور آپ ان کے وجود سے نا آشنا رہتے ہو۔مگر طوطے خاموش کہاں رہتے ہیں ؟ادھر بولے اور ادھر وہ طلسم ٹوٹا جس نے انہیں ڈھانپ رکھا تھا۔مگر مثال بہرحال اس خاموشی اور آوازوں کے بیچ کے وقفے میں تو کام کر ہی جائے گی۔ اور مجھے اسی لمحے کی بات کرنا ہے۔تو اس لمحے جب خاموش رہنے والوں کا احساس ممکن نہیں اور شور کرنے والے رخصت ہو چکے ہیں ممکن ہے کہ میں اسے سوچ سکوں۔اسے جو۔۔۔۔۔۔
	اف! !!! مگر یہ ٹیوب لائیٹ سے نکلنے والی ہلکی سی آواز۔جیسے کوئی چھوٹا جھینگر تان لگاتا ہے۔ اور مچھر کے اس آخری دانے کی بھنبھناہٹ جو تمام حفاظتی تدابیر کے باوجود یہاں موجود ہے۔ اس کمرے میں میرے جسم سے بہتر اور مکمل ترین چیزیں موجود ہیں۔جیسے اس گوری اور قدرے فربہی کی طرف مائل برطانوی اداکارہ کی تصویر۔کیسا کافر ہے جو اس صنم کدہ کو چھوڑ کر مجھ جیسے راندۂ درگاہ کا طواف کر رہا ہے۔شاید گرم سرخ خون،زندگی کی ایک لہر زیادہ اہم ہوتے ہیں حسن مطلق کے پرتو سے بھی۔یہ ایک سبق میں نے اس مچھر سے سیکھا ہے۔
٭٭٭


جبرائیل کے پروں کی مانند محبت۔۔۔۔


	اور وہ دن جب میں نے فرار کا راستہ ڈھونڈ لیا۔۔۔۔۔۔ حیران مت ہو کہیں وہ متوجہ نہ ہو جائیں۔ یقین کرو کہ فرار کا راستہ ہمیشہ کھلا ہوتا ہے بس ہم ہی میں وہاں سے گزرنے کی تاب نہیں ہوتی۔ 
	میں اس دن کی بات کر رہی ہوں جب مجھے محبت ہو گئی۔
	تم ضرور دل میں ہنس رہے ہو گے۔ محبت تو کوئی فرار نہ ہوا۔ یہ تو ارب ہا لوگ ساری زندگی کرتے ہیں۔ لاکھوں لوگوں کی والہانہ محبت غازی علم دن کو پھانسی کے تختے سے نہ اتار پائی۔ پاکستانی مٹی سے لامتناہی محبت کے دعوے اور کروڑوں لوگ پرائے دیسوں کو چلے گئے۔ تم سوچتے ہو گے کہ میں بھی کیسی پاگل ہوں۔ محبت کے لئے تو آج کل کوئی اچھی نوکری نہیں چھوڑتا، محبت کے لئے تو کوئی ایک رات نہیں جاگتا اور میں محبت میں فرار ڈھونڈنے چلی تھی۔
	میرے پاس اس سوال کا جواب نہیں ہے۔ کیونکہ میں ان کی محبت کو نہیں جانتی۔۔۔۔ میں تو بس اپنی محبت کو جانتی ہوں اور میری محبت۔۔۔۔۔۔میری محبت تو جبرئیل کے پروں کی مانند تھی۔ مشرق یسے مغرب تک افق کو گھیرے ہوئے پر جن کی ایک پھڑپھڑاہٹ سے کائناتیں سمٹ جاتی تھیں۔
	میری محبت تو بارش کی مانند تھی ویرانہ دل کی سب گھاٹیاں جس سے بھری جاتی تھیں۔
	میں پاتال سے پانیوں میں تیر کر بھی سمندر کے بوجھ سے آزاد تھی۔ 
	یہ پہلا دن تھا جب میں نے ان کے چہروں پر پریشانی بکھرتی دیکھی۔ وہ کھلبلی، وہ بھگدڑ جو مریض کی نبضیں ڈوبنے پر ڈاکٹروں میں مچ جاتی ہے۔
	وہ ادھر ادھر ٹہل رہے تھے (جیسے شکستِ ملال ممکن ہو)، بڑی بڑی کتابوں کو چھانٹ رہے تھے (جیسے محبت کا ابطال ممکن ہو)، لافانی دلائل دے رہے تھے (گویا مٹنے والوں سے قال ممکن ہو)۔
٭٭٭

بگولے کی زد میں آیا چوہا

	بگولے کی زد میں آیا چوہا اچھے خاصے سبک رفتار شاہینوں سے آگے نکل جاتا ہے۔ طوفان کے جلو میں بہتا مینڈک سطحِ دریا سے چمٹی مچھلیوں کا تمسخر اڑاتا ہے۔جنگ کے بعد شہر کے بیچوں بیچ چلتی پریڈ میں وہ فوجی بھی کلف لگی بے داغ وردی میں اکڑ اکڑ کر چلتا ہے میدانِ جنگ میں جس کا دل گولیوں کی آواز سے ہی دہل جاتا تھا۔
	کتنی بے معنی، کتنی بے حقیقت ہے اس چوہے کی پرواز، اس مینڈک کی تیراکی اور فوجی کی خوش گمانی۔
	کاش میں انہیں بتا پاتا کہ جو سفر ان کا نہیں اس میں منزلوں کو پا لینا بھی اتنا ہی لاحاصل ہے جتنا رستوں میں بھٹک جانا۔ ’’سطحِ دریا پہ جبرِ دریاسے تیر کر‘‘ ہم سمندر تک تو پہنچ جائیں گے۔ پر کس نے کہا کہ سمندر تک پہنچنا مقصود بھی ہے۔ کیا کریں گے ہم سمندروں کے اسرار کا حصہ بن کر جبکہ ہماری منزل میں رب نے ایک پیاس سے سوکھتے چھوٹے پودے کا دامن لکھا ہے؟ کیا کریں گے ہم ہزاروں شدتِ جذبات سے ناچتی لڑکیوں کو محبوب بن کر اگر ہماری جگہ ایک معذور بچے کے پہلو میں ہے جو ہمارے گیتوں کو سن کر خود کو پھر سے بھاگتا محسوس کرتا ہے؟کیا کریں گے ہم بڑی بڑی کتابیں لکھ کر (جن کی تعریف تو سب کریں گے پر جنہیں سمجھ کوئی نہیں پائے گا) جبکہ ہمارا کام ایک شکی مزاج بوڑھے کو بس یہ پیغام پہنچانا ہے کہ خدا اس سے محبت کرتا ہے؟
	پتہ ہے شیطان کا سب سے طاقتور ہتھیار کیا ہے؟ اس ہتھیار کی مضحکہ خیز حد تک سادگی ہی اسے ہمارے قلب و روح کے لئے سم بناتی ہے۔  وہ جب کسی کو گمراہ کرنے میں ناکام ہو جاتا ہے تو بڑی متانت سے پیچھے ہٹ جاتا ہے اور اس کی جگہ لے لیتا ہے ایک تالیاں بجاتا چھوٹا سا ہجوم۔۔۔ ہجوم جو ہم پر نازاں ہے،ہم سے محبت کا دعوی کرتا ہے،ہماری بیکار سی باتوں پر دل کھول کر دادوتحسین کے ڈونگرے برساتا ہے۔ ہجوم جو ہمیں یقین دلا دیتا ہے کہ ہم کوئی بہت بڑا کام کرنے کو پیدا ہوئے ہیں۔ اور ہم جو اس سارے کھیل میں یہی بھول جاتے ہیں کہ یہ سب شروع کیسے ہوا تھا۔ ہم اپنا Actبھول کر محض ان تالیوں کی لے پر Reactکرتے رہ جاتے ہیں۔ ہماری جس ادا پر زیادہ تالیاں بجتی ہیں ہم اپنی زندگی کو اس ادا سے ڈھانپ لینے میں لگ جاتے ہیں۔
	زندگی کے اسٹیج پر ہم ایک احمقانہ انداز میں اپنی تحقیر کئے چلے جاتے ہیں اور تالیوں کی لے ہے کہ بڑھتی چلی جاتی ہے مگر خوشی سے دمکتے، تالیاں پیٹتے، نعرے لگاتے اس پتلیوں کے ہجوم کے پیچھے شیطان مسکراتا ہے اور مسکرائے چلا جاتا ہے۔
٭٭٭

وہ میرا بڑا اچھا بیٹا ہے

	وہ میرا بڑا اچھا بیٹا ہے۔روز صبح دروازے پر دستک ہوتی ہے اور وہ اِک مسکراہٹ  لئے میرے کمرے میں آتا ہے۔میری پیشانی کو چھوتا ہے۔میرے ہاتھوں کو سہلاتا ہے۔موسم،سیاست،بچوں کی کوئی بات چھیڑتا ہے۔ایسے لگتا ہے کہ جیسے وہ پورا دن میرے ساتھ بتانے کے لئے آیا ہے۔۔۔۔۔۔۔اور پھر نیچے سے ایک آواز آتی ہے اور وہ مسکراتے ہوئے مجھے ’’خدا حافظ‘‘ کہتا چلا جاتا ہے۔
	وہ میرا بڑا اچھا بیٹا ہے۔ہر شام میرے کمرے کا دروازہ کھلتا ہے اور وہ تازہ پھول  لئے میرے کمرے میں آتا ہے۔میز پر رکھے گلدان کو خالی کرتا ہے اور نئے پھول سجا دیتا ہے۔پھر زندگی کا کوئی ادھورا باب کھولتا ہے۔سیاست، موسم، بچوں کی کوئی بات چھیڑتا ہے۔وہ اس سمے پرانی سرائے کا کوئی قصہ گو لگتا ہے۔ایسا لگتا ہے جیسے وہ رات بھر مجھے بہلاتا رہے گا لیکن پھر وہ گھڑی دیکھتا ہے اور ’’شب بخیر‘‘ کہتے چلا جاتا ہے۔
	وہ میرا بڑا اچھا بیٹا ہے۔ہم روز ملتے ہیں۔باتیں کرتے ہیں۔۔۔۔۔۔مگر کچھ باتیں جو روز ان کہی رہ جاتی ہیں۔میری بوسیدہ سی کھڑکی کی زنگ آلودہ چٹخنی گئے سال ٹوٹ گئی تھی۔میرے بوڑھے ہاتھ اب اس کھڑکی کو کھول نہیں سکتے۔اور اس کے ساتھ ایک دنیا تھی جو گویا رخصت ہو گئی۔۔۔۔۔۔پرندوں کی بولیاں، اذان کی آواز، ہوا کے جھونکے۔ ایک روشنی ہے جو مگر اب بھی آتی ہے۔
	وہ میرا بڑا اچھا بیٹا ہے۔ایک دن وہ پھول  لئے آئے گا تو میں اس کا ہاتھ تھام لوں گا۔وہ کچھ کہنے لگے گا تو اس کے لبوں پر انگلی رکھ دوں گا۔اس کی حیران سی آنکھیں میرے جسم پہ دوڑیں گی تو میں اپنی آنکھیں بند کر لوں گا اور اس کی آنکھوں سے خود کو دیکھوں گا۔۔۔۔۔۔۔اور دیکھتا رہوں گا۔میں وہ ہاتھ نہیں چھوڑوں گا یہاں تک کہ کوئی آواز اسے لینے میرے دروازے تک آ پہنچے۔صرف تب میں اسے جانے کو کہوں گا۔
	وہ کھویا کھویا میرے پہلو سے اٹھے گا۔دروازے پر جائے گا۔دروازہ کھولے گا اور پلٹ کر مجھے دیکھے گا۔اس کی سوال آنکھیں مجھ سے کچھ پوچھیں گی۔پر میں خاموش رہوں گا۔کچھ نہیں کہوں گا۔یہ بھی نہیں کہ میری بوسیدہ کھڑکی پہ جو انگور کی بیل چڑھی جاتی ہے وہ مجھے میری آخری دوست۔۔۔۔۔میری روشنی سے بھی دور کئے جاتی ہے۔میں کچھ نہیں کہوں گا۔
	وہ میرا بڑا اچھا بیٹا ہے۔	وہ روز میرے کمرے میں آتا ہے۔پیشانی کو چھوتا ہے۔ میرے بالوں کو سہلاتا ہے۔وہ میرا بڑا اچھا بیٹا ہے۔
٭٭٭

بات اس سمت کی ہے
 جس میں ہم سب ہانکے جا رہے ہیں 

	میرے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ کیا میرا انجام بھی ان پاگلوں سا ہونے والا ہے جو ننگ دھڑنگ سڑکوں پر پھرتے رہتے ہیں اور کسی دن ان کی اکڑی ہوئی لاش کسی گٹر کے کنارے نظر آتی ہے؟
	مجھے اپنا آپ بے پناہ غیر اہم لگتا ہے۔ ہر چیز میرے سے بے حد بے نیاز ہے۔ میں ایک بہت بڑے کھیت کا ایک خوشہ ہوں یا پھر ایک سمندر کا کوئی اکیلا قطرہ۔ایک شرمناک حد تک بے حقیقت ہوں۔سو اگر کوئی مجھ سے بات کرتا بھی ہے تو با امر مجبوری،اگر کوئی میرے سامنے مسکراتا بھی ہے تو اس  لئے نہیں کہ وہ مجھ سے مل کر خوش ہوا ہے اور نہ یوں ہے کہ وہ میرا دل رکھنا چاہتا ہے،بلکہ کچھ یوں ہے کہ وہ سب اداکاری کرتے ہیں۔ایک بہت بڑے ڈرامے میں لکھے اپنے رول کو نبھاتے ہیں۔میں ان کے  لئے اسٹیج پر پڑی جیسے کوئی بے جان چیز ہوں جو انہیں مکالمے بولنے کے لئے background پیدا کرنے میں مدد دیتی ہے۔
	یہ یقیناً بہت خوفزدہ کرنے والی بات تھی۔آپ پرانے غیر آباد شہروں میں گھومتے ہو یا پھر کسی قبرستان کے پاس سے گزرتے ہو تو ایک سرد لہر جسم میں دوڑنے لگتی ہے۔یہ خوف کی بہت نچلی سطح ہے۔اور یہ شہر اب اس سے گیا گزرا کیا ہو گا؟مگر ایک دن یونہی آپ کو خبر ہو کہ اصل میں تو آپ بھی قبر میں ہو،یا پھر اس قدیم شہر کے ماضی میں بسنے والا کوئی شخص ہو (جیتے جاگتے انسان نہیں کوئی بھوت ہو)۔۔۔۔۔۔۔۔۔اتر آئی نہ دور افتاد خلاؤں کی سردی جسم میں۔
	یہی احساس مجھے بھی ہوا۔اس شہر میں آ کر میں بھی ایک بت بن گیا تھا۔۔۔۔۔۔میں سب کچھ وہی کر رہا تھا جو یہ دوسرے لوگ میرے ساتھ کر رہے تھے۔میں ان کے  لئے ایک بت ہی تو تھا۔
	وہ رات قیامت کی رات تھی۔اس رات میں نے بہت سوچا۔اتنا کہ ساری زندگی میں کبھی نہ سوچا ہو گا۔وہ باتیں بے دھڑک سوچ ڈالیں جن کا گمان بھی کبھی آ جاتا تو کانپ اٹھتا تھا۔خدا،مذہب،رشتے،کائنات،اپنی ذات۔۔۔۔۔۔اس رات میں کہاں کہاں نہیں گیا۔اور جب صبح کا سورج ابھرا تو میں نے ایک فیصلہ کیا۔میں خود کو کسی بھی کھیل کا مہرہ نہیں بننے دوں گا۔میں بہت کام کر چکا ہوں۔انسانیت کی immortality کے  لئے میں بہت قربانیاں دے چکا ہوں۔میں نے صحراؤں کی تپتی ریت پر کسی فرعون کے  لئے اہرام تعمیر کیے،میں نے اپنے جلتے لہو کی روشنی میں Hamletاور مونا لیزا جیسے شاہکار تراشے،میں نے بے وفا عورتوں کی کوکھ میں ایک بے شعور نسل کا بیج رکھا۔میں نے کیا کیا نہیں کیا؟انسانیت کے لیے اپنے آپ کو مٹا دیا اور اب ان ہزاروں برسوں کے بعد میری محنت اور قربانیوں کا یہ صلہ مل رہا ہے کہ میں اپنی بنائی ہوئی دنیا میں اجنبی اور بے حقیقت ہوں۔
	بہت ہو چکا،اب فرمان پورے کرنے کی استطاعت ختم ہوئی۔اب مجھے اپنا مقام ڈھونڈنا ہے۔مگر میں کہاں سے شروع کروں ؟
	بات اس شہر کی نہیں،بات میرے حالات کی نہیں۔بات اس سمت کی ہے جس میں ہم سب ہانکے جا رہے ہیں۔کبھی ان کسانوں کو دیکھا ہے جو جنگلی سوروں کا شکار کرتے ہیں۔یہ سور جو گنے کی قد آدم فصلوں میں گھسے بیٹھے ہوتے ہیں،ان کی تین طرف ہانکا لگایا جاتا ہے۔بڑے بڑے ڈھول بجائے جاتے ہیں اور وہ سب اس شور سے گھبرا کر چوتھی سمت بھاگتے ہیں،جہاں خاموش شکاری اپنی بندوقوں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔میں ان کے ساتھ مرنے کے  لئے بھاگا نہیں جا رہا ہوں۔مگر باقی تین سمتوں میں سے کون سی سب سے محفوظ ہے اس کی خبر بھی نہیں ہے۔یا پھر یوں کیا جائے۔ڈر کر بھاگنے کی بجائے کسی خرگوش کے بچے کی طرح وہیں دبک جایا جائے۔اس لمحے تک جب ہانکا لگانے والے چلے نہ جائیں۔جب تک کسی ایک سمت میں جانا زیادہ محفوظ نہ ہو جائے۔کچھ ٹہنیاں اپنے چہرے پر گرا لو،سانس کو ساکت کر لو،خاموشی سے پڑے رہو اور انتظار کرو۔اگر ایسے میں کوئی وہاں آ بھی نکلے تو تھوتھنی کو ذرا جھکا کر آنکھوں میں میں محبت کے پیالے لے آؤ۔شاید تمہیں چھوڑ دیا جائے۔
	تو میں اس دن بنچ سے نہیں اٹھا اور اگلی رات بھی نہیں۔بس خاموش پڑا رہا۔اپنی ذات اور خوابوں کو کیمو فلاج کئے رہا۔پھر شاید تیسرے دن ایک وین آئی اور مجھے ہسپتال لے گئی۔ انہوں نے بہت جتن کیے۔میری بیوی،ماں باپ،دوست،سیکریٹری سب آئے۔محبت بھرے لہجے میں مجھے پکارتے رہے۔وہ سب پرانی باتیں یاد دلاتے رہے جن کا تصور ہی کبھی تنہائی میں میرے ہونٹوں پر ہنسی لا دیا کرتا تھا۔مگر میں خاموش رہا۔میں خوفزدہ تھا۔ڈرتا تھا کہ یہ کوئی چال نہ ہو۔یہ آوازیں،یہ چہرے ایک اور ہانکا نہ ہوں مجھے اس سمت بھگانے کے  لئے جہاں سب بھاگنے والے گئے اور اب جن کا کوئی سراغ نہیں ملتا۔
	میں کسی سمت نہیں چلا تو انہوں نے مجھے پاگل خانے پہنچا دیا۔وہاں میرے جیسے بہت سے تھے،جنہوں نے خود کو کیمو فلاج کر رکھا تھا۔میں آج بھی ان اونچی دیواروں اور سفید کپڑے والوں کے بیچ دبکا سا رہتا ہوں۔میری بیوی اب بھی کبھی کبھار آتی ہے۔گھنٹوں اپنائیت کی باتیں کرتی رہتی ہے اور میں چپ چاپ کھڑا سنتا ہوں اور پھر رات کی تنہائی میں جب سب سو جاتے ہیں تو تکیہ منہ پر دے کر روتا ہوں۔رونے سے شاید یوں لگتا ہے جیسے میں یہاں خوش نہیں ہوں مگر یہ اس وقت سے تو اچھا ہے جب رات بے پناہ تھکاوٹ اور بوریت کی وجہ سے آپ رو بھی نہ سکو۔
٭٭٭

بڑھاپا اور فرنیچر

	جیسے جیسے ہم بوڑھے ہوتے جاتے ہیں مجھے لگتا ہے جیسے ہم کم انسان ہوتے جاتے ہیں۔ ہم جون بدل کر فرنیچر قبیل کی کوئی چیز بن جاتے ہیں۔نوکرانیاں ہمارے کمرے میں آتے ہوئے دوپٹہ لینے کا بھی التزام نہیں کرتیں۔ڈرائیور نے اگر اسے آنکھوں ہی آنکھوں میں کوئی پیغام دینا ہو تو وہ ہمیں ایسے ignoreکر دیتے ہیں جیسے ہم تو کمرے میں ہیں ہی نہیں۔مکھیاں ہمارے اوپر ایسے بیٹھ جاتی ہیں جیسے انہیں مار دیے جانے کا کوئی خوف نہ ہو۔جوانی کے دنوں میں میں اڑتی ہوئی مکھی کو مٹھی میں پکڑ سکتا تھا اور اب ہاتھ پر بیٹھی مکھی کو اڑانا بھی ایک کام لگتا ہے۔جی کڑا کر ہاتھ ماروں بھی تو وہ پھدک کر تھوڑا دور اسی ہاتھ پر بیٹھ جاتی ہے۔
	موت بھی غالباً ایسی ہی شئے ہے۔میں نے لوگوں کو قبر کے سرہانے بے خطر باتیں کرتے دیکھا ہے۔میت کے سامنے لوگوں کو ایسے ایسے جھوٹ بولتے دیکھا ہے کہ کسی کی زندگی میں لوگ جن کے بارے میں سوچ بھی نہ سکتے۔تو بڑھاپا بھی شاید اس زندگی میں موت کا ایک تجربہ ہی ہے۔ہمیں بڑے آرام سے سمجھایا جاتا ہے کہ دیکھو ہم کس طرح زندگی سے موت کو نکالتے ہیں اور ایسے ہی موت سے زندگی کو بھی نکال لیا جائے گا۔
٭٭٭


محبت کوئی کہانی نہیں ہے

	محبت الجبرے کی  مساوات نہیں ہے جسے کوئی مہرباں استاد تمہارے کند ذہن میں انڈیل دے۔ محبت پکاسو کی پینٹنگ، ٹی ایس ایلیٹ کی نظم نہیں ہے جس میں کوئی فنکار پراسرار دنیائیں قید کر کے تمہارے سامنے رکھ دے۔ محبت جواہرات کی دکان پر رکھا کوئی بیش قیمت پتھر، الیکٹرونکس کی دنیا کا کوئی نیا gadget  بھی نہیں ہے جسے تم ایک معین قیمت پر خرید پاؤ۔
	محبت تو بس ایک بارش ہے جو دور دراز سمندروں سے، انجانے دیسوں سے،پیاس میں ابلتے صحراؤں سے ہواؤں کی رتھ پہ سوار تمہاری دنیا میں آ وارد ہوتی ہے۔۔۔۔۔ بارش جو دیکھیں تو پانی جیسی معمولی چیز کے چند قطرے ہیں مگر یہ تمہاری دنیا میں ایسی ماورائیت بھر دیتے ہیں کہ ہر شئے کا مطلب بدل جاتا ہے۔ تمہاری بلڈنگ کے پرنالے سے بہتا ہوا پانی، تمہاری سڑکوں پر کرنوں کی صورت گرتی بوندیں، تمہاری آنکھوں کو ڈھانپ لینے والی پھوار۔۔۔۔یہ سب جیسے کسی عظیم فنکار کے برش اسٹروکس بن جاتے ہیں جو ہر لمحہ عامیت کو بھسم کرتے چلے جاتے ہیں۔
	یہ عجیب بارش ہے جس میں ہر شئے کا مطلب بدل جاتا ہے۔ شہر میں بھرے لوگ انفرادیت کی کینچلی اتار پھینکتے ہیں اور معاون اداکاروں کے ایک ہجوم میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔۔۔۔ہجوم جس نے گو ایک بھرپور زندگی کا نقاب پہن رکھا ہے مگر وہ وہاں ہیں تو صرف اس لئے کہ تمہاری خوشیوں پر جشن منا سکیں، تمہارے دکھ پر ان کی چیخیں آسمانوں تک جا پہنچیں، اس لئے کہ جب تم گاؤ تو وہ کورس کی صورت تمہاری آواز میں آواز ملائیں اور پھر گھنٹوں تالیاں پیٹ پیٹ کر تمہارا حوصلہ بڑھائیں۔ اس لئے کہ وہ تمہارے سامنے کرائے کے بدمعاش بن کر آئیں جن کو مار لگا کر تم اپنی محبوبہ کا دل جیت سکو اور وہ دوڑنے والے جوتم سے مقابلہ کرنے کی خواہش کے گرد اپنی پوری زندگی بن دیں مگر پھر بھی ہار جائیں۔
	محبت کوئی کہانی نہیں ہے جسے مجھ جیسا داستان گو کسی الاؤ کے گرد بیٹھ کر تمہیں سنا پائے، محبت کوئی دلیل نہیں جسے منطق کی صورت میں ٹھٹھرتی رات میں تمہارے گرد گرم چادر کی طرح لپیٹ دوں۔۔۔۔۔ محبت تو زندگی کی طرح ہے جس کا شعور ہر اس روح پر حرام ہے جس نے کبھی زندگی نہیں جی۔
٭٭٭

الوہی روح کا پرتو۔۔۔۔

	اب میں فٹ پاتھ پر لیٹا تھا اور میرے دل میں غلیظ گالیوں کا طوفان اٹھ رہا تھا۔ ابھی اٹھنے کا سوچ ہی رہا تھا کہ میری نظر اس منظر پر پڑی۔ میں نے دیکھا کہ میرے عین اوپر ایک درخت تھا۔ گہرا سبز اور بلند درخت۔ اس کے چاروں طرف بارش اس طرح گر رہی تھی کہ جیسے چاندی کی دیواریں ہوں۔ بیچ میں گھنے پتوں نے بارش کا رستہ روک رکھا تھا پر چند قطرے جو کسی نہ کسی طرح ان بھول بھلیوں سے نکل آئے تھے اور اب موتیوں کی صورت زمین پر گر رہے تھے۔ اور ایک نچلی شاخ پر دو بھیگے ہوئے پرندے بیٹھے تھے جن کی نظریں مجھ پر جمی تھیں۔
	اور میں بھول گیا۔۔۔۔۔میں بھول گیا کہ میں گدلے پانی سے بھرے فٹ پاتھ پر پڑا تھا، میں بھول گیا کہ مجھے کہیں جانا تھا،میں تو اس کالم نگار کا نام تلک بھول گیا، مجھے تو یہ بھی یاد نہ رہا کہ میں تصویریں بناتا ہوں۔تو میں بس بڑے سکون سے لیٹا تھا (ایسا سکون میں جس سے اب تک نا آشنا تھا)اور اسے دیکھتا تھا۔ میں نے زندگی میں اس سے خوبصورت اور معنی خیز منظر نہیں دیکھا تھا۔ یہ مجھے کسی بہت بڑے شاہکار سا لگ رہا تھا۔ ایسا شاہکار جس کے سامنے آپ چھوٹے ہو جاؤ اور پھر پوری کائنات اس شاہکار کی اوٹ میں چھپ جائے۔ بہت بڑا شاہکار جیسے Phidiasکا Zeus،جیسے Dali Salvador کی Persistence of memory،جیسے PicassoکیWoman by window ۔۔۔۔۔پر نہیں یہ ان سے کہیں بڑا شاہکار تھا۔ اسے اپنا سحر قائم کرنے کے لئے Phidiasکی طرح وجود کو سات گنا بڑا نہیں کرنا پڑا تھا، اسے زندگی سے بالا مفاہیم ظاہر کرنے کے لئے Dali کی پگھلی ہوئی چٹائی کی طرح بچھی گھڑیوں کی ضرورت نہیں پڑی تھی،اسے علامتوں کی کھوج میں Picassoکی تکونی گردن والی عورت نہیں بننا پڑا تھا۔۔۔سب کچھ اپنے اصل رنگ، اصل جسامت، اصل حالت میں تھا اور پھر بھی میں نے اس سا کبھی کچھ نہ دیکھا تھا۔
	مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ میں کیا کروں ؟کیسے اس منظر کو محفوظ کر لوں۔ کوئی کینوس اسے اس طرح تو زندہ نہ کر پائے گا۔ تو پھر کیا کروں ؟جی میں آیا کہ سڑک کے بیچ کھڑا ہو جاؤں اور پکار پکار ر لوگوں کو اس منظر کی طرف بلاؤں۔۔۔اس سے پہلے کہ بارش تھم جائے۔ اس سے پہلے کہ شاہکار فنا ہو جائے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔ میں چاہتا تھا کہ انہیں بتاؤں 
	’’اس فٹ پاتھ پر لیٹ کر دیکھیے اور آپ CourbetاورVeldeسے Realist masters کو بھول جائیں گے‘‘۔
	مگر جانتا تھا کہ کوئی نہیں آئے گا۔ یوں فٹ پاتھ پر لیٹنے سے تو لوگوں کے قیمتی کپڑے خراب ہو جائیں گے۔ ہمیں آرٹ سے بہت محبت ہے مگر ہم اس کے  لئے اپنے کپڑے خراب نہیں کر سکتے، بارش میں بھیگ نہیں سکتے، وقت ضائع نہیں کر سکتے۔۔۔ہم تو بس اس قابل ہیں کہ اس کی امید پر اکتفا کریں، اس کے سائے کو دیکھ کر شاداں رہیں، اس کے خواب میں زندہ رہیں اور خاموشی سے مہنگی آرٹ گیلریز کی ٹکٹیں خریدتے رہیں۔
	ابھی کچھ دیر میں بادل ہار جائیں گے۔ تو یہ سارا فسوں غائب ہو جائے گا۔ اتنا بڑا شاہکار ہمیشہ کے لئے معدوم ہو جائے گا۔ میرے دل سے بھی گورکی کے کردار کی طرح آواز اٹھی۔
	 ’’اتنی عمر جی چکا مگر میں نے انصاف کی ایک بوند نہیں دیکھی‘‘
	اگر انصاف ہوتا تو یہ شاہکار یوں وقت کے ہاتھوں ضائع نہ ہوتا۔ اور وقت نے تو بہت کچھ برباد کر دیا۔ ہماری لاکھوں برس کی تاریخ نے چند تاریک غاروں پر بنی بے ڈھب تصویروں سے بہت زیادہ شاہکار تخلیق کئے ہوں گے مگر وقت نے انہیں ہم سے اوجھل رکھا۔ آج بھی گمنام فنکاروں کی کٹڑیوں میں ایسے شاہکار چھپے ہیں کہ مونا لیزاجیسی تصویروں کو بے وقعت کر سکیں۔ مگر انہیں کبھی کوئی آنکھ دیکھ نہیں پائے گی۔ وہ یونہی کوڑے کے ڈھیر پر پڑے سڑتے رہیں گے۔
	یہ کیسا انصاف ہے؟ کیا آرٹ صرف انہی شہ پاروں کا نام ہے جو خوش قسمتی سے وقت کی دستبرد سے بچنے میں کامیاب ہو گئے؟ کیا شائقین تک پہنچنے سے پہلے وہ شاہکار نہیں ہوتے؟اور وہ سارے گمنام فنکار جن کی تصویریں کسی نے نہیں دیکھیں (اور اگر دیکھی بھی ہیں تو حقارت اور بے دلی سے)، کیا ان کی زندگیاں بے معنی تھیں ؟
	ایسا ممکن نہیں ہے۔ ہاں اگر انصاف محض ایک خواب نہیں ہے تو ایسا ہونا ناممکن ہے۔۔۔اور پھر جیسے مجھے رستہ سجھائی دینے لگا ہو۔تخلیق کا تعلق تماش بینوں سے نہیں ہے۔ تخلیق کا تعلق تو ہماری دنیا سے بھی نہیں ہے۔ تخلیق کا تعلق ہماری روح سے ہے۔ روح جو اس مادی دنیا میں ایک اور دنیا کے خواب کی طرح رہتی ہے۔
	تو جب ہم کچھ تخلیق کرتے ہیں تو درحقیقت اس روح کی کسی جہت کو دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ایک اور دنیا سے رابطے میں ہوتے ہیں۔ ایک دنیا ہم جہاں سے ہیں۔۔۔۔اور یہاں تو ہم اجنبی ہیں۔ تو جب ایک پرت کھل جاتی ہے تو پھر اسے بند نہیں کیا جا سکتا۔ علم فنا نہیں ہو سکتا وہ تخلیق کار کے شعور کا حصہ بن جاتا ہے۔ساری زندگی اس کے ساتھ رہتا ہے۔ تخلیق کار کے جسم سے معرفت کی خوشبو آتی ہے؛اس کی باتوں میں بڑی بڑی علامتیں اترتی ہیں ؛اس کی آنکھوں میں انجانی دنیاؤں کی جھلک دکھائی پڑتی ہے۔۔۔تو یہ شعور ساری زندگی اس کے ساتھ رہتا ہے اور وجدان کی صورت اس کی اولاد میں منتقل ہو جاتا ہے۔ اور اس طرح ہر تخلیق زمانے کے شعور کا حصہ بن جاتی ہے چاہے ہم تخلیق کار کو کوئی مرتبہ دیں یا نہ دیں۔ 
	مگر ان کا کیا ہوا جن کی کوئی اولاد نہیں تھی؟جن کے لیکچر کسی کان نے نہ سنے؟ جن کی تخلیق کبھی منظرِ عام پر نہ آ سکی؟ جنہوں نے سرگوشیوں میں بھی کبھی کسی سے اس کا ذکر نہ کیا؟ کیا وہ سب ضائع ہو گیا۔
	اگر انصاف محض ایک خواب نہیں ہے تو ایسا ناممکن ہے۔ اللہ نے انسان میں اپنی روح پھونکی ہے
''When I have fashioned him (in due proportion) and breathed into him of my spirit, fall ye down in obeisance unto him."
 (Al-Hijr : 29)    
	تو روحِ انسانی الوہی روح کا پرتو ہے اور جس شئے پر اس کا سایہ پڑ جائے وہ فنا نہیں ہو سکتی۔ایسے میں رائیگاں کا کیا سوال، کہاں کا زوال۔روح کبھی نہیں مرتی۔ہمیشہ زندہ رہتی ہے۔ 
 ''Weapons cleave it not, nor does the fire burn it; The waters wet it not, nor do the winds dry it up. This is impenetrable, incombustible, incapable of being moistened or dried up. It is undying, all-pervading, constant, immovable and eternal''                        
Gita (2,v23-24)
	تو ہر تخلیق خودبخود روحِ انسانی کا حصہ بنتی جاتی ہے (جیسے ہماری انفرادی روح، روحِ انسانی کا حصہ ہے)۔ ہمیں اس کے  لئے کچھ کوشش نہیں کرنا پڑتی۔ اور ہم بڑے عجیب لوگ ہیں۔ ہم اپنے عمل کی چھوٹی چھوٹی ذمہ داریوں سے بچنے کے لئے حیل و حجت کرتے ہیں اور کتنی نادانی سے بڑی بڑی خدائی ذمہ داریوں کا بوجھ محسوس کر کے دبے جاتے ہیں۔۔۔۔۔نہیں ان چیزوں کے لئے کچھ کوشش نہیں کرنا پڑتی۔ بس اپنے دل کے آئینے کو صاف کرنا ہوتا ہے اور ہم روحِ انسانی کے جلو میں چھپے ہر راز کو جان سکتے ہیں۔اگر ایسا نہیں ہے تو پھر وہ نروان جو گوتم بدھ کو برسوں کی ریاضت کے بعد ملا تھا اسے کس نے گوئٹے کے شعور میں اتار دیا؟انسان کیسے تحقیق کردہ حقائق سے زیادہ جانتا ہے؟ایسا کیوں ہوتا ہے کہ نئے زمانے کا تخلیق کار تمام پرانی علامتوں کو استعمال کرتا چلا جاتا ہے۔ان مصوروں کی علامتیں جن کی تصویریں اس نے کبھی نہیں دیکھیں، ان شاعروں کی تشبیہات جن کے شعر اس نے کبھی نہیں سنے۔۔۔صرف اس لئے کہ سچا تخلیق کار اپنے دل کی کھڑکی کھول لیتا ہے اور روحِ انسانی کی تازہ ہوا اس کے جسم کے بام و در میں دوڑتی پھرتی ہے۔
	میں اس دن بہت دیر تک فٹ پاتھ پر لیٹا رہا۔ اتنی دیر تک کہ بارش تھم گئی۔ اتنی دیر تک کہ ان پرندوں کے پر خشک ہو گئے اور وہ کسی انجانی منزلوں کی طرف اڑ گئے۔ میں بھی اٹھا تو سیدھا گھر گیا اور اپنے سب رنگوں، کینوس اور  ایزل کو کوڑے دان میں پھینک دیا۔ مجھے اب حقیقتِ حق کو Two dimensional کینوس میں مقید کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ میں اب اپنے ذہن کے ہمہ جہت سٹوڈیو میں لافانی تصویریں بنا تا ہوں۔یہ مائیکل اینجلو کے frescosسے کہیں زیادہ پر شکوہ، بامعنی اور پائیدار ہوتی ہیں۔ہر شاہکار کی تکمیل کے ساتھ میری روح کی پیاس بجھتی رہتی ہے۔ اور ایک دن جب میں (اور مجھ میں، مجھ سے پہلے آنے والی ارب ہا زندگیاں اور میرے بعد آنے والی ان گنت روحیں شامل ہیں )سارا علم حاصل کر لوں گا تو میر ی روح اس شعورِ مطلق کو لے کر اٹھے گی۔۔۔۔۔ ان رفعتوں کی طرف جن کا خواب بھی ابھی ہمیں سزاوار نہیں ہے۔ اور تب صورِ اسرافیل پھونک دیا جائے گا۔ فرشتے قطار اندر قطار میرے استقبال کو کھڑے ہوں گے اور منادی ہو گی
	’’آؤ اے مقدس روح۔۔۔۔۔تم اب اس قابل ہو کہ تمہیں بارگاہِ ایزدی میں بازیابی کا شرف بخشا جا سکے۔ تم نے تخلیقِ آدم کے مقصد کو پورا کر دیا ہے۔ تم نے ہر معمے کو حل کر دیا ہے۔
	آؤ اے برگزیدہ آدم۔۔۔۔۔کہ تمہیں دیکھ کر آج ملائکہ خود سجدے میں گرنے لگیں۔ انکا یہ سجدہ حکمِ الہی کی اندھی تقلید میں نہ ہو گا بلکہ اس علم کی تعظیم میں ہو گا جس کا بوجھ اٹھانے کے خیال سے پہاڑوں پر رعشہ طاری ہو گیا تھا۔
	آؤ کہ تخلیقِ کائنات کے اس آخری با ب کے ساتھ کتاب بند کر دی جائے‘‘۔
٭٭٭

کہانیوں کے کردار

	یہ کردار یتیم خانوں کے ان بچوں کی طرح تھے جنہیں کسی بے اولاد جوڑے کے ساتھ جانے کی خواہش میں خود کو زیادہ سے زیادہ سلجھا ہوا، زیادہ سے زیادہ معصوم اور زیادہ سے زیادہ خوبصورت ظاہر کرنا ہوتا ہے۔ یا پھر جیسے بازارِ حسن کی وہ طوائفیں جنہیں ایسے کریہہ کاروبار کے بیچ بھی حیا اور حسن کے ایسے جال بچھانے ہوتے ہیں کہ آپ کے دل میں خود بخود انہیں اس دنیا سے نکال لے جانے کی خواہش پیدا ہو جاتی ہے۔ 
	تو وہ دنیا ہماری دنیا سے بہت مختلف تھی۔ اور ہماری دنیا میں تو ہر ایک دوسرے سے بچتا پھرتا ہے کہ کہیں وہ اسے اپنے دام کا اسیر نہ کر لے۔ آپ سڑک پر کتنی بھی متانت سے چلے جاؤ، آپ اپنے خیالوں میں کیسے بھی غرق ہو جاؤ، کندھوں کو جھکا کر جتنی بھی بے ضرر حالت میں چلو پر پھر بھی آپ جہاں جاؤ گے چیزیں آپ کے رستے سے ہٹتی جائیں گی۔ چھوٹی چھوٹی چڑیاں، خرانٹ کوے، تیزی سے دفتر جاتے ہوئے آدمی، اجنبی عورتیں۔۔-۔۔ یہ سب آپ سے دور رہنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ آپ کے قریب آتے ہوئے اپنے جسموں کو حتی الامکان سمیٹ لیں گے، کن اکھیوں سے آپ کی حرکات پر نظر رکھیں گے۔ یہ آپ سے ایسے بچیں گے جیسے آپ کوئی اچھوت ہو جسے چھونے پر انکا دھرم بھرشٹ ہو جائے گا۔ جیسے کہیں وہ آپ کے قریب چوکنے نہ رہے تو آپ انہیں اپنی کسی جادو کی زنبیل میں بند کر لو گے۔
	مگر اس دنیا میں ایسا نہیں تھا۔ وہ تو جیسے ایک بہت خوبصورت شاہراہ تھی جس پر آپ چلے جا رہے ہو اور کردار درختوں سے اتر کر ٹیلوں کی اوٹ سے، بارش کے طرح آسمان سے گرتے ہوئے آپ کے قریب چلے آتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گاؤں کے ان بچوں کی طرح جو گاؤں میں آنے والی نئی گاڑی کے گرد جمع ہو جاتے ہیں، اس کے رکنے سے پہلے ہی اس کے ساتھ دوڑنے لگتے ہیں، ہاتھ لگا کر اس کے ہونے کا یقین کر لینا چاہتے ہیں۔ پر وہ گاڑی تو اتنی بڑی حقیقت ہے۔ اس کی دلکش ہیئت، خوبصورت رنگ، کانوں کو چبھنے والا ہارن، ٹائروں سے ٹکرا کر اڑتی دھول۔۔۔۔۔۔ پھر آخر اس کو چھو کر یقین کرنا کیا معانی رکھتا ہے؟
	درحقیقت ان کے دل میں کسی شک کا گمان بھی نہیں ہوتا۔ وہ نئی چمکیلی گاڑی تو ان کے نزدیک سب سے بڑی حقیقت، سب سے بڑا سچ ہوتی ہے۔ وہ اسے چھوتے ہیں تو صرف اس لئے کہ اپنے ہونے کا یقین کر سکیں۔۔۔۔۔۔۔۔ وہ جو اس دور دراز گاؤں کی پگڈنڈیوں کی طرح بے نام و بے شناخت ہیں، وہ جو مٹی کے ڈھیلوں کی طرح بے ضرورت اور بیشمار ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔ انہیں شعورِ ذات کے لئے کسی سہارے کی ضرورت پڑتی ہے۔ تو بس اسی  لئے وہ کار کو چھوتے ہیں۔
	یہ کردار بھی ان بچوں کی طرح آپ کے قریب آ جاتے ہیں۔ آپ کو چھو لینا چاہتے ہیں۔ آپ کی بے اعتنائی جان جانے پر بھی بہت دور تک آپ کے ساتھ چلتے ہیں۔ اس دن انہوں نے اپنی بہترین پوشاکیں زیبِ تن کر رکھی ہوتی ہیں۔ وہ عدالت میں تاریخ کے لئے جاتے چوہدریوں کی طرح پر وقار نظر آتے ہیں۔
	اور یہ سب کچھ آپ کے سامنے ہوتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔ آپ کو صرف اس راہگزر پر چلنا ہے، اپنی پسند کے کرداروں کو منتخب کرنا ہے اور آپ دیکھو گے کہ تعاون کے لئے یہ ہر حد سے گزر سکتے ہیں۔ جیسے کوئی ادھیڑ عمر اداکارہ ہیروئین کے کردار کو نبھانے کے لئے اپنے چہرے پر میک اپ کی تہیں چڑھا لیتی ہے ( اتنی کہ چہرہ پلاسڑ آف پیرس کا مجسمہ نظر آنے لگے)، اپنے پھیلے ہوئے کولہوں اور بڑھے ہوئے پیٹ کو چھپانے کے لئے خطرناک دوائیں کھانے سے گریز نہیں کرتی (یہ سوچے بنا کہ کردار کی عمر تو ایک پل ہوتی ہے اور ان دواؤں کے نتائج فنکار کو تمام عمر بھگتنا پڑیں گے)، اپنی یادداشت اور روح پر ناقابلِ برداشت بوجھ ڈالتے ہوئے نوجوانی کی حرکتیں کرتی ہے۔ تو یہ کردار آپ کے تخیل کو حقیقت میں ڈھالنے کیلے آخری حد تک جا سکتے ہیں۔ 
٭٭٭

پہاڑوں سے اترتا ہوا پانی

	وہ ایک بڑی شئے کا حصہ تھا۔ کسی بہت بڑی شئے کا حصہ تھا۔ اس نے لوگوں کو خود کی طرف دیکھ کر مبہوت ہوتے دیکھا تھا۔ وہ ایسی بلندی پر تھا کہ پرندوں کا سانس بھی جہاں پہنچتے ہوئے پھولنے لگتا تھا۔ ساری دنیا اس کے قدموں میں پھیلی تھی اور وہ میلوں تلک پھیلی وادیوں کو دیکھ سکتا تھا۔ ایک کسک البتہ دل میں تھی کہ وہ جان سکے کہ وہ بھلا ہے کون؟ پر وہ اس کسک کے ساتھ گویا رہنا سیکھ گیا تھا۔
	ایک دن سورج کی ایک شرارتی کرن بہت دور سے بھاگتی ہوئی آئی اور اس سے ٹکرا گئی۔ وہ دونوں لڑھکتے ہوئے قریب بہتی ایک چھوٹی سی ندی میں جا گرے۔ ندی کیا تھی ایک ہجوم تھا اس جیسی پریشان روحوں کا۔ سب ایک دوسرے کو دھکے دیتے اس جبر سے نکلنے کو کوشاں تھے مگر وہ دھکے شاید انہیں آگے  لئے جاتے تھے۔ وہ رکنا چاہتے تھا۔ واپس اپنی جگہ پہنچ جانا چاہتا تھا۔ پھر سے اسی ماورائیت کو اوڑھ لینا چاہتا تھا مگر یہاں ٹھہرنا ناممکن تھا۔
	وہ بہتا رہا یہاں تک کہ پہاڑوں نے سفید چادر اتار پھینکی اور نئی سبز پوشاک کے  لئے گویا تیار سے ہو گئے۔ وہ بہتا رہا چھوٹی چھوٹی بستیوں سے بڑے بڑے شہروں تک۔ ایسے ریگستانوں کے کنارے جہاں برسوں سے پانی کا قطرہ تک نہ پہنچا تھا۔ وہ چاہتا تھا کہ دریا سے باہر نکلے اور کسی ایک کی پیاس ہی بجھا پائے۔ اسے لگتا تھا کہ یہ زندگی کا ایک اچھا مقصد ہو سکتا ہے مگر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔مگر وہ دریا تھا جو اسے بس آگے دھکیلے جاتا تھا۔ وہ مایوس ہو گیا اور آنکھیں موند لیں۔ پتہ نہیں میرا خدا مجھ سے کیا چاہتا ہے۔ میں تو ایسا بدنصیب ہوں جو کسی کی پیاس بھی نہیں بجھا سکتا۔
وہ بہتا رہا اور پھر ایک دن ایک مہیب سمندر میں لا پھینکا گیا۔ سمندر جو اتنا بڑا تھا کہ اسے اپنا آپ بہت چھوٹا لگنے لگا۔ وہ مہینوں اس عفریت کے پیٹ میں چکر کھاتا رہا یہاں تک کہ یونس کی طرح اسے آزادی کا پروانہ مل گیا اور وہ بادلوں کی صورت ساحلوں کی طرف بھاگنے لگا۔ مہینوں کا سفر ہفتوں میں طے کرتا ہوا وہ پھر سے اسی برف کے پہاڑ پر آ پہنچا جہاں سے چلا تھا۔ اور آج وہ ایک نئی اونچائی سے اپنے پرانے مسکن کو دیکھتا تھا اور اس کی آنکھیں اشکبار تھیں۔ اس نے اپنا مقام جاننے کی خواہش کی تھی اور خدائے بزرگ و برتر جس نے پتھر کے اندر چھپے کیڑے کے رزق کا بھی وعدہ کیا ہے بھلا اس کی اس آرزو کو تشنہ کیسے رہنے دیتا۔
	اس کے اندر شکر گزاری بہتی تھی اور بس ایک کسک بھی۔۔۔۔۔ کسک ان لمحوں کی جب وہ دریا میں تھپیڑے کھاتے ہوئے یہ سمجھنے لگا تھا کہ گویا خدا اس سے محبت نہیں کرتا۔
٭٭٭

She was just in the vicinity

	ایسا کبھی نہیں ہوا کہ وہ کسی درخت کے سامنے رکتا اور سوچتا کہ اس کی زندگی کا مقصد کیا ہے؟اس نے ایک مرتبہ سینکڑوں برس پرانے درخت دیکھے۔کچھ حیران ہوا مگر بالکل بھی سمجھ نہیں پایا کہ پانچ سو سال کی زندگی کا مطلب کیا ہو سکتا ہے۔۔۔۔۔وہ کیا چیزیں ہو سکتی ہیں جو اس درخت نے اپنی زندگی میں دیکھی ہو ں گی۔کتنے محبت کرنے والوں نے اس درخت کے سائے میں بیٹھ کر ساتھ نبھانے کے وعدے کئے ہوں گے۔درختوں نے کتنی بار محبت کے نام پر یہ مذاق دیکھا ہو گا اور پھر وہ بھی کیسی رحمدلی سے ہر نئے جوڑے کو وہی ٹھنڈا سایہ مہیا کرتے چلے آ رہے ہیں۔ان کا سایہ اتنا ٹھنڈا اور مہربان ہے کہ ہر ایک یہی سمجھتا ہے کہ وہ صرف اسی کے  لئے کھڑے ہیں۔لیکن سچ یہ نہیں ہے۔سچ یہ ہے کہ درخت وہاں سینکڑوں سالوں سے کھڑے ہیں اور لاتعلق ہیں وہ کسی انسانی وجود کے ہونے یا نہ ہونے سے۔ ہماری زندگیاں بھی بڑی حد تک ایسی ہی ہیں۔ ہم بھی ایک دوسرے سے بڑی حد تک لاتعلق ہو سکتے ہیں۔ ہم پوری زندگی ساتھ رہتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہمارا اس سے بالا کوئی تعلق بھی ہے۔ 
	لیکن یہ ساتھ رہنا بہرحال ایک حقیقت تو ہے۔ میرے ایک دوست نے اپنی کولیگ سے شادی کر لی اور جب میں نے پوچھا کہ تم نے اسے کیوں پسند کیا تو کہنے لگا
"She was just in the vicinity"
	اور اس جملے کی میرے  لئے فلسفیانہ اہمیت ہے۔ یہ میرے  لئے بڑے بڑے پروفیسرز کی تحریروں سے زیادہ اہم ہے۔۔۔۔۔میں نہیں جانتا کہ اس نے کس کیفیت میں مجھے یہ کہا۔۔۔۔وہ کوئی فلسفی یا ایسا شخص نہیں تھا جو چیزوں کے بارے میں بہت زیادہ سوچتا ہو۔میرے  لئے یہ واقعہ ایسے ہی ہے جیسے کوئی شہابِ ثاقب گرتا دیکھ لے۔اب ان شہابِ ثاقب کو اگر آپ دیکھنے کی کوشش کرو گے تو ہو سکتا ہے کہ مہینوں گزرنے پر بھی نہ دیکھ پاؤ۔لیکن ایک دن آپ آسمان کو دیکھتے ہو گے اور وہ آپ سے کچھ دور آن گرے گا۔سارا آسمان جیسے اس چھوٹے سے نکتے کی وجہ سے روشن ہو جائے گا اور وہ پھر ہوا کی پہنائیوں میں جل کر ختم ہو جائے گا۔
	تو ایسے ہی میرا دوست وہ شخص تھا جسے سچ نے چھوا تھا۔۔۔ Not just any truth but the absolute Truth Himselfکسی ایک سچ نے نہیں بلکہ مکمل سچ نے اور سچ خد ا ہے۔ تو کیا اس کا یہ مطلب ہے کہ اسے اس لمحہ خدا نے چھوا؟
	یہ ایک عجیب خیال ہے۔ لوگ ہمیشہ سے یہی سوچتے ہیں جیسے خدا کسی دور دراز جگہ پر بیٹھا ہو۔۔۔۔۔جسے ہم کبھی نہ دیکھ سکتے ہیں اور نہ ہی مل سکتے ہیں۔لیکن میرے نزدیک وہ جیسے کوئی آزاد روح ہے جو کائنات میں گھومتی پھرتی ہے اور ہمیں یوں چھوتی ہے جیسے ہوا چھوتی ہے۔۔۔۔۔۔ہاں وہ ہر وقت ہمارے پاس ہوتا ہے۔ ہم بس اس کا وجدان نہیں کر سکتے۔ تبھی تو بزرگ ہمیشہ یہی کہتے رہے کہ اپنا Receptor درست کر لو تمہیں خدا اپنے آپ مل جائے گا۔ لیکن کبھی کبھار جیسے تیز ہوا دروازوں کے کواڑ کھول دیتی ہے وہ بھی ہمارے شعور کی دنیا میں آتا ہے اور یہ وہی لمحہ ہوتا ہے جب ہم سچ کا کوئی پہلو جان پاتے ہیں۔
تو میرا دوست خدا سے ملا اور اسے خبر ہوئی کہ وہ اس لڑکی سے صرف اس لئے محبت کر رہا ہے کیونکہ وہ بس اس کے قریب تھی اور شاید سبھی چیزیں صرف اسی وجہ سے ہوتی ہیں۔ بس ہم انہیں ان کے اصل رنگ میں دیکھ نہیں پاتے۔
٭٭٭


اپنے  لئے روشنی بنو۔۔۔۔۔

 	معرفتِ ذات اتنی آسان نہیں ہے۔اور معرفتِ ذات کوئی ٹھیکہ بھی نہیں ہے،کوئی لائسنس بھی نہیں ہے جو آپ کو برائیوں کا اختیار دے دیتا ہو۔اختیار تو سارا اللہ کا ہے۔ ہم مخلوق کے لئے تو بس حکم کی پاسداری فرض ہے اور حکم صرف معروف کا ہے۔کہیں یہ حکم نہیں ملتا کہ تم شیطان کے نام پر لوگوں کی جان لے لو۔کوئی مذہب نہیں کہتا کہ تم لہو و لہب میں پڑ جاؤ۔اطاعت صرف معروف میں ہے۔عمل صرف نیک ہی کرنا ہے۔ہاں نتیجہ کچھ بھی نکل سکتا ہے جسے شکر گذاری سے ماننا ہو گا۔جان لیجئے کہ شیطان کے انکار کا تعلق بھی علم،منطق اور اچھائی کے پہلوؤں کے لئے ہی تھا۔دنیا میں آج تک جو قتل و غارت،فسق و فجور ہوا ہے وہ اچھائی کے لئے ہی ہوا ہے۔ یہ جو لوگ محبت کے نام پر گناہوں کی دلدل میں دبے چلے جاتے ہیں وہ ایسا برائی کے لئے نہیں کرتے۔یہ سب لوگ اپنا اختیار ایک بہتر نتیجے کے نام پر استعمال کرتے ہیں۔شیطان نے حکمِ الہی سے سرتابی کا فیصلہ تقربِ الہی کے لئے کیا تھا۔
	تو ہر فیصلہ صرف اپنے اندر کے سچ کی روشنی میں کیا جاتا ہے۔یہ اندر کی روشنی وہ ہے جو کوئی ہمیں دے نہیں سکتا۔یہی معرفتِ ذات ہے۔بس یہی مخلوق پر خالق کا حق ہے کہ وہ فیصلہ اپنے اندر کی روشنی کے مطابق کریں۔اب اس کا نتیجہ کیا ہوتا ہے یہ دوسری کہانی ہے۔ہٹلر جیسے شخص کروڑوں لوگوں کی جان لے لیتے ہیں۔اسلام کو پھیلانے کے زعم میں لاکھوں لوگوں کو تہ تیغ کر دیا جاتا ہے۔کلیسا بیت المقدس کو آزاد کروانے کے لئے خون کی ہولی رچاتا ہے۔یہ سب فیصلے اپنے اندر کی روشنی، اپنے سچ کے دائرے میں رہتے ہوئے کئے جاتے ہیں۔اور جب جنگ ختم ہونے پر فاتح بادشاہ لاشوں کے قبرستان پر بیٹھ کر دیکھتا ہے تو سوچ میں پڑ جاتا ہے۔
	’’کیا یہ میں ہی تھا جس نے چھوٹی سی زمین،کسی اینٹ گارے کی عمارت کے لئے لاکھوں لوگوں کی جانیں لے لیں۔حاصل کیا ہوا؟میں نے ایسا کیوں کیا؟کیا میں evilہوں ؟پر میں نے تو سب کچھ سچائی کے لئے کیا تھا؟‘‘
	وہ عمر بھر ان سوالوں کے پیچھے بھٹکے گا مگر جواب نہیں پا سکے گا۔وہی بے چینی جو کرک شیترا کی رات ارجن پر اتری تھی جب وہ سوچتا تھا کہ میں کس مقصد کے لئے اپنے بھائیوں کا خون بہا رہا ہوں۔ایسے میں کرشنا اسے کہتا ہے کہ 
	’’اس پر دل گرفتہ نہ ہو۔ایک سپاہی کا کام لڑنا ہے اور پھر خود کو نتائج سے بے پروا کرنا ہے۔‘‘
	نہیں سپاہی برا نہیں ہوتا۔وہ اپنے سچ کے راستے پر چل رہا ہوتا ہے اور سچ کے راستے پر چلنے والا برا کیسے ہو سکتا ہے۔لیکن اگر  یہ                                                                                                                             نتیجہ برا نکلتا ہے۔۔۔۔۔۔اگر آپ کا سچ آپ کو لے کر ایک ایسے نگر میں چلا جتا ہے جہاں آئینہ دیکھو تو آپ کو قاتل کا چہرہ نظر آتا ہے تو افسوس مت کرو اور شکر کرو اس ذات کا جس نے تمہیں پیدا کیا۔اور خدا کا شکر تو وہ کیڑا بھی کرتا ہے جو پیٹ کے بل رینگتا ہے اور جس کا مقدر کسی ان دیکھے قدموں تلے کچلا جانا ہے۔یا پھر وہ بچھو بھی جسے صبح کے وقت اٹھنے والے برگزیدہ بندوں کو ڈسنا ہے۔بچھو گناہ گار نہیں ہے۔وہ خدا کا شکر گذار ہے کہ اسے پیدا کیا گیا اور اس کھیل میں کھلاڑی بنایا گیا۔اگر ہمیں شر کے مہرے بنایا گیا ہے تو بھی شکر کرنا چاہیے کہ اسی خیر و شر کے تصادم سے ایک بڑا خیر جنم لیتا ہے۔
	شطرنج کی بساط پر دیکھو جس پر سفید اور سیاہ مہرے سجے ہیں۔ان میں کوئی برا نہیں ہے مگر سفید کے لئے سیاہ کو اور سیاہ کے لئے سفید کو مارنا نہ صرف جائز بلکہ لازم ہے۔خیر و شر ان سیاہ و سفید مہروں کی طرح ہیں جنہیں خالقِ کائنات نے اس بساط پر سجایا ہے۔مہرے کھیل سے اوپر نہیں اٹھ سکتے۔مہرے کھیل کی سمت نہیں بدل سکتے۔مہرے کھیل کے اصول نہیں بنا سکتے۔تو وہ سب کامیاب ہیں جو اس کھیل میں اپنی صلاحیت کے مطابق دلجمعی سے حصہ لیتے ہیں۔خواہ ایک کا نتیجہ جنت اور دوسری کا نتیجہ جہنم ہی کیوں نہ ہو۔دونوں ہی خدا کے شکر گذار بندے بن سکتے ہیں۔ دونوں ہی فلاح پائے ہوئے ہیں۔
	تو پھر بھٹکے ہوئے کون ہیں ؟وہ کون ہیں جو زمین میں فساد مچانے والے ہیں ؟انسانیت کے دشمن کون ہیں ؟یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے سچ کی روشنی میں دیکھنے کی طاقت نہیں رکھتے۔اگر دیکھتے ہیں تو خود کو پہچاننے کی ہمت نہیں رکھتے۔اگر پہچان لیتے ہیں تو اس کے مطابق عمل نہیں کر پاتے۔اور جب انہیں عذاب دیا جاتا ہے تو انکا دل ناشکر گذاری سے بھر جاتا ہے۔یہی لوگ نقصان اٹھانے والے ہیں۔یہ لوگ آخر ہیں کون؟
	یہ وہ عالم ہیں جن کے اندر خدا نے علم کی پیاس لگائی اور وہ لہو و لہب اور دنیا کی رنگینیوں سے اسے بجھانے کی کوشش کرتے رہے۔اپنے اندر وہ جانتے تھے کہ انہیں کیا چاہیے مگر وہ راستہ مشکل تھا اور یہ لوگ اپنے سچ سے ڈرتے رہے۔
	وہ جنگجو جنہیں خدا نے لڑنے کے لئے بنایا اور وہ نیکی و برائی اور پورے سچ کی بحثوں میں خود کو ضائع کرتے رہے یہاں تک کہ وسطی ایشیا سے اٹھنے والے قبائل پوری متمدن دنیا کو تاراج کرتے چلے گئے۔
	یہ وہ لوگ ہیں جن کی آنکھیں نشے کے خمار سے اتنی بوجھل ہو گئیں کہ وہ اپنے آگے ڈولتا سچ تلک نہیں دیکھ پائے۔جن کی سوچیں ہوس، مذہب اور وطنیت کے بتوں نے دبا دیں۔وہ لوگ جنہوں نے کبھی اپنے  لئے نہیں سوچا اور تقلید کو اپنا مذہب سمجھتے رہے۔اس تقلید میں جو atrocitiesانہوں نے کیں اس کا بدلہ جہنم کی آ گ کے سواکچھ نہیں ’’اور جہنم کیا ہی برا ٹھکانہ ہے‘‘۔
	تو ہر بحث چھوڑ دو اور اپنے اندر کی روشنی، اپنے فرقان پر بھروسہ کرو۔جیسا کہ کرشنا مورتی نے کہا تھا کہ Truth is a pathless way ایسے ہی آپ خود اپنے  لئے روشنی بنو اور اس راستے پر چلو جسے خدا نے تمہارے  لئے۔۔۔۔۔خاص تمہارے  لئے چن لیا ہے۔
٭٭٭


دو لمحوں کے خواب

	اسے میری کہانی سننے کا کوئی حق نہیں جس کے پہلو میں کسی دل نے کبھی ڈیرا نہیں ڈالا۔ جس کی آنکھوں میں خوابوں نے سویرانہیں پھونکا وہ بھلا بخت کے اندھیرے آسماں پہ ڈولتا کیسے دیکھے گا مجھے۔ میرے پیر پاتال سی گہرائیوں میں تھے کہ نصیب تھا میرا اور آنکھیں نقرئی ستاروں پر کہ ہر خواب بہت عجیب تھا میرا۔۔۔۔۔۔ میرے پر نہیں تھے پر کھلی فضاؤں میں اڑنے کا شوق نہیں جنون تھا مجھ کو۔ اسی  لئے ایک شب اپنی بستی وحشت کی سب سے اونچی چٹان پر جا کھڑا ہوا۔ بازوں کو پھیلا لیا اور ایک مجنونانہ قہقہے کی گونج میں کود پڑا یہ جانتے ہوئے بھی کہ میرے پر نہیں ہیں۔ یہ جانتے ہوئے بھی کہ اب سنگلاخ پتھریلی چٹانوں سے ٹکرانا مقدر ٹھہر رہا ہے۔ میں مطمئن تھا کہ کبھی کبھار خواب منزلوں سے، زندگی سے بہت اہم ہو جاتے ہیں۔
	مجھے خبر نہیں کہ کب میں زمیں سے آ ٹکرایا۔ میں تو ان لمحوں کے خمار میں ہوں (ان دو لمحوں کے) جن میں میرے قدموں نے اس زمین سے سارے رشتے توڑ ڈالے جس پر کسی بے رحم نے مجھ  جیسے کھلونوں سے ایک پلے لینڈ بنایا تھا۔ اس زمین سے جو آوارہ کتے کی طرح ہر معصوم راہگیر پر بھونکتی ہے، اپنے نوکیلے دانتوں کو زندگی کے پیروں میں گاڑ دیتی ہے۔ اس زمین سے جس پر خوابوں کی کھیتی خواہ لہو سے بھی سینچو فصل عذابوں کی ہی کٹتی ہے۔ یہ دو لمحے میری ساری زندگی سے اہم ہیں۔ سو میری کہانی بس ان دو لمحوں کی کہانی ہے۔ اور مجھے معاف کرتے رہنا جب جب میری زباں بہکنے لگے، جب جب میرا خرد لڑکھڑانے لگے۔ آخر کو میں نشے میں ہوں اپنے عمر بھر کے خوابوں کے۔
٭٭٭

بہشت اور خوف

	ہاں یہ زندگی انعام نہیں ہے۔۔۔۔۔۔۔گو اس کہانی کے ڈانڈے ابتدائے آفرینش کے اندھیروں میں چھپے بیٹھے ہیں پر پھر بھی کچھ باتیں ہیں جنہیں ہم جان سکتے ہیں۔ایک وقت تھا جب مقربین کی کوئی فہرست ہمارے بنا مکمل نہیں ہوتی تھی۔جب ملائکہ سجدوں میں پڑے رشک آمیز آنکھوں سے ہمیں دیکھتے تھے۔اور پھر کچھ ہوا اور ہمیں زمین کی پستیوں پر لا پھینکا گیا۔ہم اس پیچیدہ کہانی کو شجرِ ممنوعہ کی ہوس سے ڈھانپ نہیں سکتے۔
	یہ درحقیقت ایک خواب کی کہانی ہے جسے بہشت میں انڈیل دیا گیا تھا۔جیسے آپ کوئی شاہکار تصویر بناؤ اور پھر سیاہ رنگ سے کونے میں دستخط کر ڈالو۔دستخط جنہیں تصویر کے زندہ رنگوں سے کوئی نسبت نہیں۔جو تصویر کی totality پر ایک دھبہ ہیں پر دیکھنے والی آنکھ کے لئے تصویر کے سارے رنگ اسی سوتے سے پھوٹتے ہیں۔تو بہشت جو ہر خواب کی تعبیر کی تھی وہاں بھلا خواب کا کیا کام؟نہیں یہ کہانی اتنی آسان نہیں ہے۔اسے سمجھنے کے لئے ہمیں پہلے بہشت کو سمجھنا ہو گا۔ بہشت جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ وہ جگہ ہے جہاں کسی کے لئے نہ کوئی خوف ہو گا اور نہ کوئی حزن سے دوچار ہو گا۔‘‘
	پر کیا یہ سب اس ابتدائی بہشت پر لاگو ہو سکتا تھا؟وہاں تو ساری آسائشات کے باوجود ایک خوف بھی رہتا تھا۔۔۔۔۔۔خداوندِ تعالیٰ کی حکم عدولی کا خوف،نکال دیے جانے کا خوف،غیر مستحق ہونے کا خوف (وہ سوال جو فرشتوں کے ذہن میں اٹھا تھا وہ ذہنِ انسانی میں بھی اٹھا ہو گا کہ آخر میں ہی کیوں ؟)۔اور خدا تو ہر شئے کو اس کی بہترین شکل میں مکمل کرتا ہے۔
	نہیں اس مقام کو بہشت نہیں کہا جا سکتا۔ماں کی کوکھ میں بچہ بڑے سکون سے پڑا سوتا ہے۔مگر اس سکون کو اس سکون سے کوئی نسبت نہیں ہوتی جو وہ گور میں اپنی ابدی خامشی کے بیچ پائے گا۔تو آپ اسے بہشت نہیں کہ سکتے۔وہ تو زیادہ سے زیادہ بہشت کا شائبہ تھی،بہشت کا سایہ تھی۔مکمل بہشت کی تخلیق ارتقائے انسانی سے پہلے وجود میں نہیں آ سکتی۔
	آج اگر ہم بہشت کا کوئی نقشہ اپنے ذہن میں لاتے ہیں تو ہم بہت ساری شبیہیں تراش سکتے ہیں۔’’وہاں نہریں بہیں گی،موتیوں سے بھری ندیاں ہوں گی، خوش رنگ پرندے چہچہاتے ہوں گے۔حوریں سونے کی طشتریوں میں خوش ذائقہ پھل  لئے کھڑی ہوں گی۔‘‘ ہم اپنے تخیل سے ہر خوبصورت رنگ یہاں بھر سکتے ہیں لیکن ہمیں ایک چیز دیکھنی ہے۔ جیسے جیسے ہم بہشت کو خوبصورت اور مکمل بناتے جاتے ہیں ویسے ویسے ہم اس میں رہنے والے انسان چھوٹے اور حقیر ہوتے جاتے ہیں۔ایک خود مختار،با شعور، خلیفہ سے درختوں کی سی passiveاور مجبورِ محض مخلوق میں ڈھلتے جاتے ہیں۔
	پر خدا یہ جنت کسی پتھر کے لئے نہیں بنا رہا تھا۔۔۔۔۔کوئی شجر،کوئی حیوان،کوئی فرشتہ،کوئی شیطان۔۔۔۔۔ہمارے سوا کوئی بھی بہشت کی وجہ تخلیق نہیں ہے۔پر وہ جنت جو انسانوں کو خوش رکھ سکے آسان نہیں ہو سکتی۔اسے پلیٹ میں رکھ کر پیش نہیں کیا جا سکتا۔آپ یقیناً مجھ سے اتفاق کریں گے اگر آپ انسانی فطر ت کے بارے میں کچھ بھی جانتے ہیں کہ ہماری جنت ہمارے سوا کوئی نہیں بنا سکتا۔
	ارتقا کے ارب ہا سالوں میں ہمارا شعور ترقی کرتا ہوا ہمیں اس مقام پر لے جائے گا جہاں عقل خواہش کی حدود مقرر کر دے گی۔۔۔۔۔۔۔خواہشیں اب بھی مچلیں گی مگر خوشنما،رنگین برتنوں میں قید خوبصورت مچھلیوں کی طرح۔ان کی ہر حرکت،انکے ارتعاش سے وہ حسن جنم لے گاجسے محض مرجان اور موتیوں سے کوئی نسبت نہیں ہو گی۔تو جب خواہشات کے اس بے تحاشا حسن کو عقل channelizeکرے گی تو جنت مکمل ہو جائے گی۔پھر اس جنت میں کسی کے لئے کوئی خوف نہ ہو گا (کیونکہ ہم یہاں غیر مستحق نہ ہوں گے) اور نہ کوئی حزن سے دوچار ہو گا (کہ ہم خود اس کی تخلیق میں حصہ دار ہوں گے اور یہ ہماری ذات،ہماری انا کا ویسا ہی حصہ ہو گی جیسے خود خواب اور خواہشات)۔
٭٭٭


پریوں سے لپٹے ہوئے پتلے

	اس دن ہوا میں ایک عجیب سا خمار پھیلا تھا۔۔۔۔۔۔۔ ایسا خمار کہ پتلے کے جسم سے لپٹی پری کے دل میں پھر سے اڑنے کی خواہش جاگی۔ اس نے پتلے کی پیشانی پر ایک الوداعی بوسہ دیا اور ستاروں کی سمت پرواز کر گئی۔
	پتلا اوندھے منہ زمین پر آ گرا۔ وہ صبح تک وہیں پڑا رہا۔ یہاں تک کہ اپنی اپنی پریوں سے لپٹے کچھ پتلے اس کے گرد جمع ہو گئے۔ انہوں نے اس کے بے جان جسم کو اپنے کاندھوں پر اٹھایا اور گیت گاتے ہوئے اسے بھٹی کی طرف لے چلے۔
	وہ اس کے جسم کو بھٹی میں پگھلائیں گے اور پگھلے ہوئے لوہے کو ایک نئے پتلے کی صورت میں ڈھالیں گے اور امید کریں گے کہ اپنے آفاقی سفر کے بیچ کوئی پری پھر سے کچھ لمحے دم لینے کو اس جسم پر ٹھہر جائے۔
٭٭٭

زندہ رہنے کی خواہش

	تو وہ اب بھی زندہ تھے۔۔۔۔۔وہ زندگی کی ہر ممکن تعریف کے مطابق زندہ تھے لیکن انہیں خوابوں اور خواہشات کے نگر سے نکال پھینکا گیا تھا۔۔۔۔اور خواب و خواہشات کی بندش کی صورت انہیں ہمیشہ کے لئے ان کھڑکیوں سے محروم کر دیا گیا تھا جوانسانیت کو ان کی سطحیت سے اٹھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔وہ اب بھی زندہ تھے اور تکلیف اٹھاتے تھے مگر بغیر کسی امید کے۔ اور مجھے کہنے دیں کہ انسانیت نے کبھی تکلیف اٹھانے سے انکار نہیں کیا اگر وہ تکلیف محدود وقت کے لئے ہو یا پھر وہ کسی بڑے مقصد کے لئے ہو۔ پر ان کی تکلیف بغیر وجہ کے اور نہ ختم ہونے والی تھی۔ تو وہ بدل گئے تھے۔ وہ اب اس دنیا میں رہ ہی نہیں سکتے تھے جہاں دوسرے سب رہتے تھے۔
	ہاں مگر وہ جئے جاتے تھے۔۔۔۔۔۔۔اب بھی زندہ تھے شاید بس یہ ثابت کرنے کے لئے کہ انسان امید کے بغیر بھی زندہ رہ سکتا ہے۔ کہ انسان کسی بھی منطقی دلیل کے بغیر بھی جی سکتا ہے۔کہ انسان زندہ رہنے کی خواہش کے بغیر بھی سانس لے سکتا ہے۔اور یہاں سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ ہم کتنی passiveمخلوق ہیں۔ ہم گویا چیونٹیوں کی طر ح ہیں۔وہ جب چاہیں ہماری قطار کو توڑ سکتے ہیں۔ جب چاہیں ہم میں سے چند ایک درجن کو مسل سکتے ہیں۔اور ہم اگلے ہی لمحے اپنے ساتھیوں کی لاشوں کو چھوتے ہوئے پھر آگے کو چل پڑیں گے۔ ہم وہ مخلوق ہیں جن کا اپنی زندہ رہنے کی خواہش پر کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ ہاں کچھ روحیں ہیں جو اس ’’زندہ رہنے کی خواہش‘‘ کو بھی اپنے ہاتھ میں لے لیتی ہیں مگر مجھے بتائیے کہ کیا ہمارے معاشرے اور مذاہب میں اس سے قابلِ نفرت کوئی اور جرم ہے یا نہیں۔ ہم عجیب لوگ ہیں۔ ہم گو چاہے اوپر سے جتنی بھی تنقید کریں مگر اندر سے کم از کم سمجھ ضرور لیتے ہیں کہ کیوں ہٹلر اور چنگیز خان قبیل کے لوگ کروڑوں انسانوں کی لاشوں پر اپنے انا کے محلات تعمیر کرتے ہیں۔ ہمارے دل کے کسی کونے میں ایسے لوگوں کے لئے شاید تھوڑی تحسین بھی چھپی ہوتی ہے۔ایسا اس  لئے ہے کہ ہم انہیں سمجھ رہے ہوتے ہیں مگر وہ بدنصیب روحیں جو خود کشی کرنے کی جرات کرتے ہیں انکے  لئے ہمارے پاس معافی تو درکنار کوئی understandingتلک نہیں۔ ہمارے ذہن انکے اس عمل کو سمجھنے کو کوشش میں اپنی ساری  processing power کھو بیٹھتے ہیں۔ تو لوگ ہیں جو اس سب کے باوجود بھی یہ جرم کر گزرتے ہیں مگر کسی امید کے بغیر کے اس دنیا میں کوئی انہیں سمجھ سکے گا یا اگلے جہان میں ہی سہی کبھی کوئی ان پر بخشش کی چادر ہی پھینک سکے گا۔
	میں یہاں اختلاف کرنا چاہوں گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔میں پوچھنا چاہوں گا کہ کیا سب سے بڑا جرم یہ نہیں ہے کہ ہم بغیر کسی وجہ کے جئے جائیں نہ کہ ہم ایک مقصد کے جان دے دیں۔وہ سب چیخ اٹھیں گے کہ میں غلط ہوں۔ مقصد کیلے موت پر تو وہ اپنے معاشرے کا سب سے بڑا انعام دینے پر تیار ہیں۔ وہ لوگ ان کی یاد میں ایک بڑی تقریب منعقد کریں گے، آنسو بہائیں گے، ان قبروں کو پھولوں سے بھر دیں گے جن میں ان مرنے والوں کے جسموں کا ایک ٹکڑا بھی دفن ہو۔انہیں اعتراض ہے تو ان بدبخت روحوں پر جنہوں نے خود اپنی جان لے لی۔پر ہم کون ہوتے ہیں فیصلہ کرنے والے؟ ایک انسان فیصلہ کرتا ہے کہ اسے اپنی جان لے لینی چاہیے کہ زندہ رہنے کی کوئی وجہ اس کے پاس باقی نہیں رہی اور ایک دوسرا یہ فیصلہ کرتا ہے کہ اسے اپنی جان دے دینی چاہیے کہ اسی جیسا ایک انسان اس کے ملک کی سرحدوں میں داخل ہو گیا ہے۔ یہ دو فیصلے ہیں جن کے پیچھے دو زندگیوں کی ریاضتیں ہیں۔جب ہم ان زندگیوں کی دلیلوں کو نہیں جان سکتے تو ہم کیسے بتا سکتے ہیں کہ کونسا فیصلہ صحیح ہے اور کونسا غلط؟
٭٭٭


اخروٹوں بھری درخت کی کھوہ اور برف ہوتی ہوئی گلہری


	تو میں موت کی بات کر رہا تھا اور میں ساری زندگی اسے سمجھ نہ سکا مگر وہ آخری لمحہ جس نے مجھے سب سمجھا دیا
And the Stupor of death will bring truth (before his eyes):"This was the thing which thou wast trying to escape!" 
 (50:19)         
	اس دن میری سانس اکھڑ رہی تھی اور ذہن جیسے گرم ہو رہا تھا۔کمرے میں رکھی چیزیں کہیں پسِ پردہ چھپ رہی تھیں۔کوئی پردہ نہیں تھا مگر وہ پسِ پردہ چھپ رہی تھیں۔کمرے کی کھڑکی میں بنے گھونسلے میں بیٹھی چڑیاں کچھ سہم سی گئی تھیں۔ہوا ایک نہ سمجھ میں آنے والی آواز میں بولنے لگی۔کوئی جا کر ڈاکٹر کو بلا لایا۔ڈاکٹر نے بے مقصد میری نبض دیکھی اور پھر اس نے آہستہ سے کچھ کہا۔میں ٹھیک سے تو سن نہیں پایا پر شاید وہ یہ کہہ رہا تھا کہ اب بس کوئی لمحے کی بات ہے۔کمرے میں دبی دبی سسکیاں گونجنے لگیں اور میں مشتاق نظروں سے ادھر ادھر دیکھنے لگا۔میں جانتا تھا کہ وہ ابھی آئیں گے۔پر وہ کون ہو گا۔فرشتے یا سیاہ ہرکارے۔۔۔۔یہ سوال اہم تھا۔
	میری نظریں دروازے پر جمی تھیں مگر وہ سب دروازوں کے پابند کہاں تھے؟کمرہ آہستہ آہستہ بھرنے لگا۔ہوا کے نرم جھونکے،پڑوسی کے گھر تلتے ہوئے پکوڑوں کی خوشبو،صحن میں رینگتے لال بیگ کے پاؤں کی سرسراہٹ،دیواروں سے سیپ سیپ کر آتی ہوئی انجانی روحیں جو حیرت سے مجھے تکتی تھیں،پائینتی کے پاس با ادب کھڑے دو فرشتے۔۔۔۔۔۔کمرہ اپنی استطاعت سے زیادہ بھر چکا تھا۔اس کوزے کی مانند جس میں مزید ایک قطرہ شراب ڈالنا بھی ممکن نہ رہا ہو۔
	اور پھر دروازہ کھلا اور میرا ایک پرانا دوست کمرے میں داخل ہوا اور عجب دھکم پیل ہونے لگی۔خوشبوئیں، آوازیں، مادی اجسام، روحیں سب مجھے چاروں طرف سے دبانے لگے۔میرا سانس گھٹنے لگا اور میں تنگ آ کر جسم سے باہر نکل آیا۔کھڑکی کی ایک درز سے باہر نکلنے کا موقع ملا تو باہر بڑی وسیع کائنات میرے سامنے تھی۔میں آگے بڑھنے لگا تو کسی کے رونے کی آواز سنائی دی۔ وہ آواز بہت جانی پہچانی تھی۔ غور کیا تو وہ میری بیوی کی آواز تھی۔وہ سسکیاں لے رہی تھی اور لوگ اونچی اونچی آواز میں اناللہ وانا الیہ راجعون پڑھ رہے تھے۔
	میں مر چکا تھا اور یہ سب بالکل بھی ویسا نہیں تھا جیسا میں سوچتا تھا۔کتنی انتظار تھا مجھے پر اس نئے سفر میں مجھے لینے کوئی بھی نہیں آیا تھا۔نہ کوئی فرشتہ اور نہ کوئی کوڑے لہراتا عفریت۔ میں تو بس جیسے کوئی لالچی گلہری تھا جس نے اپنی کھوہ کو اخروٹوں سے اتنا بھر لیا تھا کو خود اس کے  لئے کوئی جگہ باقی نہ رہی تھی اور وہ اب حیرت سے اپنی کھوہ کے باہر ٹھٹھرتی تھی اور سوچتی تھی کہ کیا غلط ہو گیا۔
٭٭٭
عاجزی کی زنجیر

	ہاتھیوں کو ساری عمر سدھا لو پر ان کے پاؤں میں ہمیشہ کھردرے، مضبوط، لوہے کی زنجیریں ہی ڈالی جاتی ہیں ریشمی ڈوریاں نہیں۔ اس جسیم جانور کی لگاوٹ اپنی جگہ پر غفلت کا ایک لمحہ محبت کا یہ سارا مکڑی کے گھر سا نازک تاج محل توڑ ڈالے گا۔
	کچھ ایسا ہی معاملہ تیرے نفس کا بھی ہے۔ تو عبادتوں، شب بیداریوں، قربانیوں سے اسے جتنا سدھا لے پر یاد رہے کہ اس کے قدموں میں ہمیشہ عاجزی کی زنجیر ڈالے رکھنا۔ یہاں ایک لمحے کی غفلت ہوئی اور یہ دیو ہیکل دشمن تیری روح کو اپنی مٹھیوں میں مسل دے گا۔
٭٭٭

نیند

	رات کو جھینگر بولتے ہیں اور مجھے نیند نہیں آتی۔دن کو ٹریفک اور بچوں کا شور ہوتا ہے اور مجھے نیند نہیں آتی۔سچ کہوں تو سب بہانے ہیں۔ تم بس بوڑھے ہو گئے ہو اس لئے تمہیں نیند نہیں آتی۔
٭٭٭

بیکراں کائنات کا کنارا

	میں بھی انہی کی طرح ایک بھٹکا، ناراض اور جھنجھلایا ہوا فنکار تھا۔ مجھے لگتا تھا جیسے مجھ سا مصور کوئی پیدا نہ ہوا ہو گا۔ جب میں اپنے رنگ اٹھائے کینوس کے سامنے کھڑا ہوتا تو اردگرد کی ساری کائنات معدوم ہو جاتی۔ الوہی شبیہوں اور آفاقی رنگوں کا ایک طوفانِ عظیم مجھے بھگونے لگتا۔ میں اس سمندر میں گھاس کے تنکے کی طرح بہتا رہتا اور کینوس پر تصویریں بکھرتی جاتیں۔ کبھی کبھی تو کوئی موج مجھے اتنی گہرائی میں لے جاتی جہاں یہ سارا سمندر ہی معدوم ہوتا نظر آتا۔۔۔۔۔جہاں سراب حقیقت میں کچھ اس طرح پیوست ہو جاتے کہ میرا یقین اپنے آپ پر سے بھی اٹھنے لگتا۔ ایک جگہ جہاں مجھے خبر ہوتی کہ گھاس کا ٹکڑا سمندر میں نہیں تیرتا ہے بلکہ سمندر اس گھاس کے ٹکڑے میں تیرتا ہے۔ مجھے اپنا آپ بہت طاقتور محسوس ہونے لگتا۔ شاید انہی لمحات میں کسی نے ‘‘انا الحق’’ کا نعرہ لگایا ہو گا۔ مگر یہ مقامِ قیام نہیں ہے۔ یہ تو عذاب دی گئی بستیوں کی مانند ہے جہاں سے استغفار پڑھتے ہوئے تیز تیز قدم اٹھاتے گزر جانے کا حکم ہے۔
	اور ایسے نشہ آور لمحات میں حکم کی پروا کون کرتا ہے؟ مگر میں یہاں سے کبھی آگے نہ جا پاتا۔ مجھے اچھی طرح معلوم تھا کہ یہاں سے آگے جانا بہت ممکن ہے مگر کوئی ‘‘میں ’’ یہاں سے آگے نہیں جا سکتا۔ یہ وہ بوجھ ہے جسے اتار کر آگے بڑھنا پڑتا ہے۔ اور وہ جو اسے بوجھ نہیں اپنی حقیقت سمجھتے ہیں ان کے  لئے یہی کائنات کا کنارا ہے۔۔۔۔۔۔ ایک بیکراں کائنات کا کنارا۔ عجیب محمل سی بات ہے۔ پر یہ بات میں اس وقت نہیں سمجھتا تھا کہ حدیں کائنات کی نہیں مخلوقات کی ہوتی ہیں۔
	سمندر مچھلیوں کی حد ہے، آسمانِ بالا شیاطین کی حد ہے، سدرۃ المنتہی جبرئیل کی حد ہے۔۔۔۔۔۔ اور وہ جس کے پاس ہر حد سے گزر جانے کی طاقت ہے ایک ‘‘میں ’’ سے چپکا بیٹھا ہے۔
	واپسی کے سفر کا کیا لکھوں ؟ آپ اپنی آنکھوں کے سامنے ایک چھوٹے سے گھاس کے ٹکڑے سے سمندر پھوٹتے دیکھتے ہو۔ اتنا پانی کہ جو بڑھتے بڑھتے گھاس کے ٹکڑے کو بھی اپنی آغوش میں لے لے اور پھر اسے چلائے پھرے۔ کبھی جو طغیانیوں میں لمحہ بھر کا توقف ہو تو یہ ٹکڑا سطح پر نمودار ہوتا ہے۔ کچھ اس طرح کہ اس کے ساتھ وہ کائی لپٹی ہے جو سمندر کی تہہ میں جمی ہوتی ہے۔ وہ اسے ایک اعزاز کی مانند لپٹائے ہوئے پھرتا ہے اور دنیا سوچ میں پڑ جاتی ہے۔۔۔۔۔ ایک ادنی سا گھاس کا تنکا اور یہ معراج کہ پاتال سے ہو آیا ہو۔ دنیا کے  لئے تو اتنی حقیقت ماننا بھی آسان نہیں۔ اب انہیں کیسے بتائیں کہ سمندر کہاں سے پھوٹا؟ کون یقین کرے گا ایسی باتوں پر؟ تو میں انہیں صرف وہی بتاؤں گا جسے وہ آسانی سے سمجھ سکیں۔ میں بڑی شوخی سے اس کائی کو اوڑھے ہوئے پھروں گا اور مجھے ایک زندگی کے لئے ضروری تقدس ملتا رہے گا۔
٭٭٭

ہاتھیوں کی لڑائی

	یہ ہاتھیوں کی لڑائی تھی اور مجھ جیسی چیونٹی (جو اتنی حقیر تھی کہ چیونٹیوں کی لڑائی پر بھی کچلے جانے کے خوف سے لرزے جاتی تھی) کے لئے ایسے میں بھاگ نکلنے کی خواہش کرنا بھی اپنی حد سے تجاوز کرنا تھا۔ ایسے لمحات میں آپ بس ساکت ہو جاتے ہو اور انتظار کرتے ہو کہ زندگی و موت کی زنبیل میں سے پہلے آپ کے لئے کیا نکلتا ہے۔
	ایک ایسی جگہ جہاں سورج ایسی انائیں ایک دوسرے سے ٹکرا رہی ہوں وہاں اپنی انا کا سایہ بھی گویا آپ کو ایک Spotlight میں لے آتا ہے اور جیسے ایک لمحے کو سب کچھ بہت خاموش ہو جاتا ہے۔ صدیوں سے مشینوں کی طرح طبلِ جنگ بجانے والے ہاتھ ایک برفاب لمحے میں پتھرا جاتے ہیں، سوالوں کی ایک آندھی چلتی ہے اور سب گویا ایک لمحے کو اپنے غصے، اپنے خوابوں، اپنی محبتوں، اپنی ٹمٹماتی آگ کو لپیٹ کر چھپا لیتے ہیں۔
	بڑا سکوت ہے لیکن آپ اچھی طرح جانتے ہو کہ اس خاموشی کے پیچھے بڑی مہیب بلائیں دانت کچکاتی ہیں۔ وہ جو کروڑوں سالوں سے ایک خواہش کے دھوئیں میں قید، خواب در خواب زندگیوں کو ضائع کئے جاتے تھے وہ پشیمان کھڑے ہیں۔ اگر آج کوئی انہیں ان کے کروڑوں سال لوٹا پاتا تو وہ بالکل بدل جاتے۔ ان کی آنکھوں سے محبتوں کے ایسے چشمے نکلتے جو کائنات کے ہر گوشے کو سیراب کر دیتے۔۔۔۔۔۔۔ مگر وقت واپس نہیں آتا اور انہیں بیدار کرنے والے نے ان پر ایک ایسا سوال لاد دیا ہے جس کا جواب سوچنا بھی انہیں گوارا نہیں۔ کیا ہی اچھا ہوتا کہ انہیں بس چند اور لمحے اسی خواب کے پہلو میں سونے دیا جاتا۔ وہ اسی شدت سے اپنے جذبات، اپنے خوابوں، اپنی اناؤں کی جنگ لڑتے رہتے (سچ تو یہ ہے کہ وہ شاید اس میں بھی اب اک انجانی سی لذت محسوس کرنے لگے تھے)۔۔۔۔۔۔ کم از کم وقت کی اس آخری شام سے پہلے تک۔ 
	وہ اس بازی گر کو نہیں ڈھونڈ پائیں گے جس نے کروڑوں سالوں تلک ان کی آنکھوں کو ایک گہرے دھوئیں میں قید رکھا مگر کیوں نہ اس گستاخ کے جسم میں (کہ جس نے انہیں بیدار کیا) اتنا لوہا گاڑ دیا جائے کہ جس کے بوجھ سے وہ پاتال گہرائیوں سے کبھی پھر نہ ابھر پائے۔۔۔۔۔ کم از کم یہ تو ہے جسے وہ کر سکتے ہیں۔
	تو میں منتظر تھا۔ ایک نازک سے پتے سے چمٹا دریا میں بہتا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ دریا جو بہت تیز تھا پر پھر بھی وہ مجھے ان سے دور نہیں لے جا پاتا تھا۔ مجھے لگتا تھا جیسے میں اپنا سارا لینڈ اس کیپ بھی اس سفر میں ساتھ  لئے جاتا ہوں۔ اور سفر ایسا بھیانک تھا کہ مجھے ایک لمحے کی بھی مہلت نہیں مل پاتی تھی کہ میں اپنا سانس ہی برابر کر پاتا۔
	اس جنگ کا طبل میری پیدائش سے اربوں سال قبل بجایا گیا تھا اور یہ کیسا سفر ہے جو اتنے نوری سالوں میں بھی مجھے میدانِ جنگ سے باہر نہیں نکال پایا؟
	پھر مجھے ایک عجیب سا احساس ہوا۔ ہم میدان جنگ سے بھاگ نہیں سکتے۔ وقت کو پیچھے لوٹا کر کروڑوں سالوں کی بے حسی کا مداوا نہیں کر سکتے۔۔۔۔۔ مگر سوچیں تو ہم آج بھی اسی میدان جنگ میں ہیں جہاں کسی نے شرارت سے طبل جنگ بجا دیا تھا۔ ہم آج بھی وہیں ہیں اور وہی choice ہمارے سامنے آج بھی کھلی ہے جو کروڑوں سال پہلے میرے اجداد کے سامنے تھی کہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
	میں طبل جنگ کی لے پر ہتھیار اٹھاؤں اور سامنے کھڑے لوگوں کے جسموں پر ایک نہ ختم ہونے والی Symphony لکھوں یا پھر سامنے کھڑے لوگوں کی آنکھوں سے چھلکتی محبت پر یقین کر لوں اور طبل جنگ کو اپنی سماعت کا دھوکہ سمجھ کر مسکرا دوں۔ 
٭٭٭

Long live the castle..................Long  live the fear

	لکھے ہوئے الفاظ کی دنیا کے ضوابط اور ہیں۔ یہاں ‘‘پہلا آخری ہو جاتا ہے اور آخری پہلا’’۔ یہاں درکار ہیں شعور کی کاٹ اور فکر کی تباہ کاریاں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ چیزیں جو باہر کی دنیا میں خودکشی کے مترادف ہوتی ہیں۔ لکھے ہوئے الفاظ کی دنیا میں ہم بہت زیادہ منطقی اور لبرل ہو جاتے ہیں۔ تو وہ باغی روحیں جو  exorcise  ہونے سے انکاری ہوں یہ دنیا ان کی آخری پناہ گاہ بن سکتی ہے۔ اب اونچی فصیلوں والے اس قلعے میں ہی انہیں اپنی ‘‘مفید’’ زندگیوں کو بسر کرنا ہو گا۔
	ایسے قلعے میں رہنا اپنے آپ میں ایک دلچسپ تجربہ ہے۔ آپ کی روح تڑخ چکی ہے، آپ کے جسم کی پور پور سے لہو بہتا ہے۔۔۔۔۔۔ اور آپ کی یہی لاچارگی قلعے سے باہر کھڑے لوگوں کے لئے ایک دلچسپ نظارہ بن رہی ہے۔ جیسے آپ کسی سرکس میں رکھا تین ٹانگوں والا بچہ ہو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ لوگ آپ کی تیسری ٹانگ دیکھنے کے لئے دور دور سے آتے ہیں۔ وہ اسے دیکھ کر حیرت کا اظہار کرتے ہیں، مسکراتے ہیں، اسے بار بار دیکھنے کے لئے اپنی جیبیں تک خالی کر دیتے ہیں لیکن آپ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آپ کے لئے یہ تیسری ٹانگ زندگی کا سب سے تکلیف دہ سچ ہے۔ سچ جس کے ساتھ آپ کو ہمیشہ رہنا ہے۔
	سو اس قلعے میں ایسی لایعنی چیزیں اس لئے نہیں بھری گئیں کہ لوگوں کو خوش کیا جا سکے۔ ان لوگوں نے کوئی سوانگ نہیں رچایا، ان کی تحریریں ہماری ذہنی عیاشی کے لئے نہیں لکھی گئیں۔۔۔۔۔۔ بس وہ سب بہت خوفزدہ تھے۔ وہ جانتے تھے کہ ان دیواروں کے پیچھے پتھروں کی سی سخت دنیا ہے۔ ایک دنیا جس میں ضوابط، قوانین اور انعامات ہیں۔ ایسے اٹل ضابطوں کے سائے میں ایک سوچنے والا بھلا کیسے زندہ رہ پاتا؟
	سو وہ یہاں آ کر چھپ گئے ہیں اور اگر ان کے ڈرے ہوئے چہرے اب کوئی دلفریب نظارا ہیں تو ایسے ہی سہی۔ کم از کم یہ اس وقت سے تو بہتر ہے جب لوگ انکے بگڑے چہروں کو دیکھ کر غصے میں آ جائیں ( جیسے انکا منہ چڑایا جا رہا ہو) اور انتہائے ذلت کی گھڑیوں میں کھیسیانے ہو کر ان پر ٹوٹ پڑیں۔ 
	جیسے سڑک پر گھومتا شیر کبھی اپنی معصومیت اور بھلے مانسی کا یقین نہیں دلا پاتا۔ جلد یا بدیر اسے گولی کا نشانہ بننا ہی پڑتا ہے۔ جبکہ پنجرے میں چاہے وہ غراتا رہے اور جہاں بھر کو دھمکاتا رہے اسے کچھ نہیں کہا جاتا۔ الٹے بچے ایسی حرکتوں پر تالیاں پیٹ دیتے ہیں۔
	 ہاں یہ بہتر ہے کہ ان دیواروں کے پیچھے آ چھپا جائے۔ کہ ان دیواروں کے پیچھے ہر سچ ڈارک کامیڈی اور فکشن میں ڈھل جاتا ہے۔ اس کی کاٹ ختم ہو جاتی ہے اور دانت نکالے سانپ کی طرح وہ تماش بینوں کے تصویریں کھنچوانے کے کام آتا ہے۔
	اور ہم اس سچ کو قلعے میں ٹھٹھرتے لوگوں سے بھلا کب تک چھپا پائیں گے؟ ایک دن جب وہ یہ راز جان جائیں گے تو پھر بھلا کیسے وہ خوفزدہ رہ پائیں گے؟ اب ان کے عضلات پرسکون ہو جائیں گے اور ان کے چہروں پہ وحشت نہیں برسے گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور اس سے وہ سارا مزا کرکرا ہو جائے گا جو ان کے خوف سے پیدا ہو رہا تھا۔ دنیا ایک بہت بڑی تفریح سے محروم ہو جائے گی۔اور آپ نہیں جانتے کہ دنیا اپنی تفریح کو بچانے کے لئے کیا کیا نہ کر گزرے گی؟
	سو اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ قلعے والوں کو اپنے خوف کے بودے پن کا احساس نہ ہو سکے۔ اگر اس کے  لئے انہیں کچھ فنکاروں کو صلیبوں پر چڑھانا پڑے تو وہ چڑھائیں گے، اگر کچھ لکھنے والوں کو زندہ بھی جلانا پڑے تو وہ جلائیں گے۔
	تو تم ان دیواروں کے پیچھے کچھ بھی کہنے، کچھ بھی لکھنے کے لئے آزاد ہو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جاؤ اور  God of small thingsجیسے ناول لکھ ڈالو، نہلسٹ فلسفے دریافت کر لو، قدیم مصر کے اسرار جان لو۔۔۔۔۔۔۔۔ تم جو چاہو کر گزرو بس اس قلعے سے باہر نہ نکلنا اور کبھی اپنے خوف سے جدا نہ ہونا۔ یہ تمہارا ڈر ہے جو تمہیں یہاں لایا ہے، تمہارے کانپتے بدن سے تمہاری سانسیں چلتی ہیں، تمہیں زندگی مدام صرف امڈتے ہوئے آنسو دے سکتے ہیں۔ سو کبھی اس خوف سے جدا نہ ہونا
Long live the castle................Long live the fear			
٭٭٭


چاند ایک اور چیز ہے اور چاند کا تصور ایک دوسری چیز

	لڑکیاں کیا سوچتی ہیں ؟آپ یقین کیجئے کہ میں بہت چاہتا ہوں کہ اس موضوع پر کچھ وضاحت کر سکوں۔آیا کہ لڑکیاں اتنی ہی لاتعلق اپنے دلوں کے اندر بھی ہوتی ہیں جتنی کہ وہ اپنے چہروں سے دکھتی ہیں یا پھر وہ اپنی دلی کیفیات کو چھپانے کا بہتر سلیقہ رکھتی ہیں ؟میں بتانا چاہتا ہوں مگر میرے پاس اس کا جواب نہیں ہے۔بھلا آپ اس چیز کے بارے میں جان بھی کیسے سکتے ہو جو آپ نہیں ہو۔آپ زندگی بھر لڑکیوں سے ملتے ہو۔برسوں پر محیط خوشگوار ازدواجی زندگی گذارتے ہو لیکن لڑکیاں پھر بھی ہمارے  لئے چاند جیسا کوئی دور افتادہ وجود ہی رہتی ہیں۔ہاں ان کی چمک ہماری آنکھوں کو خیرہ کر سکتی ہے،ہاں ان کی کشش ہمارے دل کی دنیا میں جوار بھاٹا لا سکتی ہے،ہاں ہم ان تک پہنچ کر انکے جسم کو analyze کر سکتے ہیں مگر وہ پھر بھی کروڑوں میل کے فاصلے سے ہمیں دیکھ کر مسکراتی رہتی ہیں۔
	میں نے لڑکیوں سے تعلق کو چاند کی طرح کہا اور آپ کہیں گے کہ انسان تو چاند تک پہنچ گیا تھا۔یہاں میں ان مولویوں کی طرح انکار نہیں کروں گا کہ انسان چاند پر پہنچ ہی نہیں سکتا۔میں نے ٹیلی ویژن اس کرین پر مضحکہ خیز لباس میں خلا بازوں کو چاند پر چہل قدمی کرتے دیکھا ہے اور ان کی بے ہنگم گاڑیاں اور مشینیں جو وہاں کے نمونے اکھٹے کر رہی تھیں،سائینسی اعداد و شمار اکٹھے کر رہی تھیں۔میرے  لئے اتنا اعتماد ہی کافی ہے۔تو مان لیجئے کہ وہ چاند پر پہنچ گئے۔اب ذرا سا فاصلہ اور طے کیجئے اور اس خلا باز کے دل میں جھانکیے۔چلیں نیل آرمسٹرانگ کو ہی لے لیتے ہیں کیونکہ دوسرے کسی کا نام ہم میں سے کتنوں کو یاد ہو گا؟بچپن سے جوانی تک اس نے ایک چاند دیکھا اور آج جب دھڑکتے دل کے ساتھ اس نے چاند کی سطح پر قدم بڑھایا تو وہ ایک بیاباں میں اترا۔یہ وہ چاند نہیں تھا جو اس نے تب دیکھا تھا جب وہ اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ ساحل کی ٹھنڈی ریت پر لیٹا تھا اور لہریں اس کے پاؤں بھگو رہی تھیں۔
	چاند ایک اور چیز ہے اور چاند کا تصور بالکل دوسری چیز۔ہم تصور کی دنیا میں رہتے ہیں۔ہمیں حقیقت سے کوئی علاقہ نہیں ہے۔ہمارا چاند وہی ہے جسے ہم زمین سے دیکھتے تھے اور وہ ہمیشہ زمین سے لاکھوں میل کے فاصلے پر ہی رہے گا۔کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہم تیز رفتار خلائی جہازوں سے اس پر جا پہنچیں مگر فاصلہ کبھی کم نہیں ہو گا۔جب آئن سٹائن کہتا ہے کہ کوئی بھی مادی جسم روشنی کی رفتار سے نہیں چل سکتاتو اس سائنسی حقیقت کا ایک معاشرتی پہلو بھی ہے۔روشنی استعارہ ہے۔۔۔۔۔ہماری نظر، ہماری معرفتِ کائنات کا اور کوئی بھی اپنے نکتہ نظر سے اوپر نہیں اٹھ سکتا۔ہم سب قید ہیں وقت کے Sphericalبلبلوں میں اور ان شفاف بلبلوں سے ہم اپنی کائنات کو دیکھتے ہیں۔ہماری ہر دوڑ اس بلبلے کے اندر ہی ہے۔تو لاکھوں سال بھاگنے پربھی ہم اس نکتے پر موجود رہتے ہیں۔
	ہم مرد ہیں تو مرد  رہیں گے۔ہم عورتوں کو کبھی جان نہیں سکیں گے یہاں تک کہ کوئی سرپھرا اپنی جنس تبدیل کرنے میں بھی کامیاب ہو جائے تو بھی ہم انہیں جان نہیں سکیں گے۔
٭٭٭


ملنگ

	میں بچپن سے اس ملنگ کو ایسے ہی سڑکوں پر دیکھتا چلا آیا تھا۔ہمارے شہر میں ایک مزار تھا۔دن کے زیادہ تر حصے میں وہ وہیں خاموش سا بیٹھا نظر آتا۔ایسے میں وہ ساری دنیا سے لاتعلق نظر آتا۔لیکن دن میں کم از کم دو مرتبہ وہ بازاروں اور گلیوں کا چکر لگاتا۔جیسے شہر کا افسرِ اعلی دورے پر نکلتا ہو۔ایسے میں لوگ اس کے قریب آ جاتے۔ کچھ اس کے ہاتھوں کو تھام لیتے،کئی ضعیف الاعتقاد لوگ تو اس کے پیروں پر بھی گر جاتے مگر باقی سب بس اسے بڑی عقیدت سے گزرتا دیکھتے رہتے۔ایسے میں لوگ اسے کوئی کھانے کی چیز یا پیسے بھی تھما دیتے۔اس کے جی میں آتی تو چیز کھا لیتا ورنہ رستے میں نظر آنے والے کسی جانور کے سامنے ڈال دیتا۔ ایسے ہی کبھی تو وہ پیسے اپنی گدڑی میں چھپا لیتا اور کبھی بس کسی راہ چلتے شخص کو تھما دیتا۔ لوگ بہرحال انہیں متبرک سمجھ کر رکھ لیتے۔ ایک دفعہ ایک ٹھیکیدار ایسی ہی بات پر بھڑک اٹھا تھا اور اس نے پیسے ملنگ کے منہ پر دے مارے۔ جس نے سنا اس نے کانوں کو ہاتھ لگائے۔لوگوں کو لگا کہ اب بہت جلد ٹھیکیدار پر کوئی مصیبت آنے والی ہے۔ کئی دوستوں نے اسے سمجھایا بھی کہ
	’’میاں جاؤ اور معافی مانگ لو۔۔۔۔اللہ والوں سے خوامخواہ کی لڑائی مناسب نہیں ‘‘۔ میں نہیں جانتا کہ وہ اندر سے خوفزدہ تھا یا نہیں پر بظاہر وہ اکڑے ہی پھرتا۔
	’’لو میں کیوں مانگوں معافی؟ اپنی محنت سے حلال کا کماتا ہوں۔شرمندہ تو اسے ہونا چاہیے جو ہمارے ٹکڑوں پر پلتا ہے۔‘‘
	کچھ ایسا ہی سوال بھاردواج برہمن نے گوتم بدھ کے سامنے بھی اٹھایا تھا۔ وہ ایک امیر زمیندار تھا۔ جب ایک دن گوتم بدھ کو بھیک مانگتے دیکھا تو غصے سے بھر گیا اور کہنے لگا
	’’دیکھو بھکشو! میں زمین جوت کر بیج بوتا ہوں تو اناج پیدا ہوتا ہے۔ سب کچھ محنت طلب ہے۔ اور تم ہو کہ دوسروں پر بوجھ بنے بیٹھے ہو۔‘‘
	گوتم بدھ مسکرائے اور بولے ’’میں بھی زمین کاشت کرتا ہوں اور پھر اسی کا اناج کھاتا ہوں ‘‘۔
	’’وہ کیونکر؟‘‘بھاردواج نے حیران ہو کر پوچھا۔
	’’انسان کا دل میرا کھیت ہے اور ایمان وہ بیج ہے جو میں کاشت کرتا ہوں۔ نیک اعمال کا پاکیزہ پانی باطنی کھیتوں کو سیراب کرتا ہے۔ جب زمین شاداب و زرخیز ہو جائے تو علم کا ہل چلاتا ہوں۔ انکساری اور فروتنی اس ہل کا پھالہ ہیں۔میرے من کا کسان محنت اور ریاضت کے بیلوں کی نکیل ہر وقت تھامے رکھتا ہے۔ یہ نکیل اصل میں عمدہ قواعدِ حیات ہیں۔ علم کے ہل کی ہتھی ہر وقت میرے ہاتھ میں رہتی ہے۔ یہ ہل دل کی اراضی سے دنیاوی پیار اور جاہ و جلال کی جڑی بوٹیاں اکھاڑ پھینکتا ہے۔ ایمان کے بیج جب بے خودی کے موسم میں پھوٹ نکلتے ہیں تو فصل پکنا شروع ہو جاتی ہے۔ اس قسم کی زراعت کی حتمی پیداوار نجات کا پھل ہے جو تمام دکھوں کو نابود کر دیتا ہے۔‘‘
	ایسے جواب پر اگر بھاردواج کے دل کی دنیا بدل گئی تو ہمیں تعجب نہیں کرنا چاہیے۔ مگر ہر ایک کو اپنے احمقانہ سوالات کے سامنے کوئی بدھا نہیں ملتا۔ ہمارے سامنے تو خاموش، الجھے ہوئے اور شرمناک حد تک معمولی لوگ ہوتے ہیں۔جو ایسے سوالوں پر اور بھی الجھ جاتے ہیں۔ زمین میں گڑے جاتے ہیں۔ انہیں اپنے آپ سے، اپنی بھوک سے نفرت ہو جاتی ہے۔۔۔۔ بھوک جس سے بیتاب ہو کر انہیں پھر سے مانگنا پڑے گا اور پھر سے دھتکارے ہوئے چند سکے ان کی طرف پھینک دیے جائیں گے۔
	ہر جان کا رزق مقرر ہے تو پھر ہم کیسے کہ سکتے ہیں کہ کوئی کسی کا حصہ کھاتا ہے؟بس ہم کوتاہ نظر ہر محنت کرنے والے کا ہل دیکھ نہیں پاتے۔
	’’اور ہم نے آسمان اور زمین اور جو کچھ ان کے درمیان ہے بیکار نہ بنائے۔یہ تو کافروں کا گمان ہے۔۔۔ تو کافروں کی خرابی ہے آگ سے‘‘کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اگر ہمیں یہ لوگ بے مقصد اور بے حیثیت دکھتے ہیں۔۔۔ہم میں سے ہر ایک اپنا پسینہ گراتا ہے۔ پر ضروری تو نہیں کہ اسے دوسروں کو دکھایا بھی جا سکے۔ اور پھر یہ سوال کوئی جدی پشتی نوابوں سے کیوں نہیں کرتا جن کی عمر محض عیاشی کرنے اور اس کے نئے طریقے سوچنے میں گزر جاتی ہے۔۔۔پر سچ تو یہ ہے کہ یہ سوال ان سے بھی کیا جانا نہیں بنتا۔وہ سب بھی تو اپنے آبا کے لگائے ہوئے درختوں کا پھل کھاتے ہیں۔
And God said to him, I am God, the Ruler of all: be fertile, and have increase; a nation, truly a group of nations, will come from you, and kings will be your offspring.
 (Genesis - 35:11)   
	تو انصاف ہر جگہ ہے بس ہم اسے پہچان نہیں پاتے اور ناراض ہو جاتے ہیں۔ یہ بھیک مانگنے والے مجبور افراد، یہ ٹپ کے انتظار میں کھڑے ویٹر، یہ تارک الدنیا فقیر۔۔۔یہ سب لوگ ہمیں لٹیرے نظر آتے ہیں کہ ہمارے رزق پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔ پر رزق تو مقرر ہو چکا۔ نہ ایک دانہ کم نہ ایک دانہ زیادہ۔اور یہاں تک فرمایا گیا ہے کہ جو شخص کھیتی لگاتا ہے تو ہر اس دانے کے عوض جو کوئی پرندہ چگ لیتا ہے، یا کوئی راہگیر مسل دیتا ہے اسے جزا ملتی ہے۔تو بس ہم نہیں جانتے اور ناراض ہو جاتے ہیں۔
	اور وہ ٹھیکیدار بھی ناراض ہو گیا تھا۔ وہ ناراض تھا کیونکہ فقیر کے پھینکے چند سکوں نے اس کی اوقات یاد دلا دی تھی۔ انہی چند سکوں کے لئے تو وہ سارا دن محنت کرتا تھا اور جب انہیں یوں ہاتھ میں پا کر اس نے خود کو حقیر محسوس کیا تو وہ بوکھلا گیا اور اسی بوکھلاہٹ میں وہ سب کچھ ہو گیا۔
	اب آہستہ آہستہ ٹھیکیدار کا کام کم ہونے لگا۔ پتہ نہیں اصل وجہ کیا تھی پر لوگ اسے ملنگ کی کرامت ہی سمجھتے تھے۔ منطقی قسم کے لوگ اس کی وجہ یہ بتاتے تھے کہ ایک کاروباری شخص کے لئے اس کی ساکھ ہی سب سے اہم ہوتی ہے۔ اور یہاں لوگوں کو خدشہ لگا تھا کہ اسے یقیناً کوئی بہت بڑا نقصان پہنچنے والا ہے۔ تو کون لین دین کرتا اس سے؟نتیجہ وہی۔۔۔اچھی خاصی ٹھیکیداری سے چھوٹے موٹے کاموں کی طرف آنا پڑا۔کام جن کا نہ اسے کوئی تجربہ تھا اور نہ ہی حوصلہ۔ وہ اب پریشان رہنے لگا تھا۔ اسی حالت میں اسے دل کا دورہ پڑا اور وہ اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملا۔
	اس واقعے نے ملنگ کے سحر کو مکمل کر دیا۔ وہ جہاں سے گزرتا اس کے  لئے راستہ چھوڑ دیا جاتا۔ وہ بہت کم کسی سے کچھ کہتا مگر مشہور تھا کہ اس کا کہا کبھی غلط نہ ہوتا تھا۔
٭٭٭

محبت کی کھوج

	مجھے بتایا گیا کہ محبت کی کھوج لاحاصل ہے تو میں ہنس پڑا۔ایک وقت تھا جب سمندروں پہ سفر ناممکن سمجھا جاتا تھا اور آج سمندروں میں پھیلی سرنگوں کے بیچ ریل گاڑیاں دوڑتی ہیں۔ایک وقت تھا جب ہوا میں پرواز شیخ چلی کے خواب کی طرح تھی اور آج ہمارے خلائی جہاز دور سیاروں کی کھوج میں جاتے ہیں۔تو میں اس نئی دنیا میں رہتا ہوں۔ایک دنیا جس میں انسان خداؤں سا طاقتور بنتا چلا جا رہا ہے۔اور ایسے میں ناممکن و لاحاصل جیسے الفاظ کا استعمال رجعت پسندی کی علامت ہے۔مایوسی و یاسیت جیسی اصطلاحات پرانی قبروں کے ڈھانچوں کی طرح شکستہ ہو چکی ہیں۔اس نئی دنیا میں سب کچھ ممکن ہے۔بس آپ کو صحیح راستہ اختیار کرنا ہو گا۔۔۔بس آپ کی جیب میں مناسب قیمت ہونی چاہیے۔
	سوچتے ہوئے یہ سب کتنا آسان لگتا ہے۔جیسے رولر کوسٹر میں لوگوں کو چیخیں مارتے دیکھ کر ہم ہنستے ہیں۔ہم سوچتے ہیں کہ جب جسم کو مضبوط بیلٹوں سے باندھ دیا گیا ہے، جب برسوں میں بھی کسی کے گرنے کا کوئی واقعہ نہیں ہوتا تو پھر بھلا خوف کا کیا مطلب؟اور ایسے میں ہم ساری زندگی زمین پر کھڑے ان لوگوں کی بزدلی اور بیوقوفی پر ہنس سکتے ہیں مگر جس سمے آپ اس نشست پر بیٹھتے ہو تو سب کچھ بدل جاتا ہے۔جب تیز رفتار رولر کوسٹر عمودی اونچائی سے نیچے گرتی ہے تو ساری دنیا سے آپ کا اعتماد اٹھ جاتا ہے۔آپ کو لگتا ہے جیسے باندھی گئی مضبوط بیلٹ ٹوٹ جائے گی یا پھر آپ کا جسم اس میں سے پھسل جائے گا،جیسے رولر کوسٹر کبھی رک نہ پائے گی اور کہیں دور جا گرے گی۔۔۔۔اور ایسے ہی ہزار ہا خدشات آپ پر حملہ آور ہوتے ہیں۔اب آپ وہی کرتے ہو جو کوئی بھی منطقی انسان ایسی صورتحال میں کر سکتا ہے۔آپ سامنے والے ہینڈل کو مضبوطی سے تھام لیتے ہو،آپ کے اعصاب تن جاتے ہیں،گردن کی رگیں کھنچ جاتی ہیں اور ایسے میں چیخنے جیسا اختیاری فعل بھی میکانکی عمل میں ڈھل جاتا ہے۔
	تو ہم زمین پر کھڑے رہ کر کبھی اندازہ نہیں کر سکتے۔ایسے ہی ہم بھلے کچھ بھی سوچتے رہیں مگر کچھ قیمتیں ایسی ہوتی ہیں ہم جنہیں ادا نہیں کر سکتے۔پر یہ ہم اُس وقت نہیں سمجھتے ہیں۔۔۔۔تو میں بھی اُس وقت بڑا مطمئن،بڑا پر جوش تھا۔جیسے مشکل مہمات پر جانے والے نوجوان ہوتے ہیں۔انہوں نے ابھی تک صرف گرد آلود چہروں کو فتح کے جھنڈے لہراتے دیکھا ہے،انہوں نے ابھی تک شیر کے سینے پر پاؤں رکھ کر تصویر کھنچواتے شکاری دیکھے ہیں۔۔۔۔لیکن اب انہیں بہت کچھ دیکھنا ہو گا۔درندے ان کے ساتھیوں کی آنکھیں نوچ جائیں گے اور وہ خون بھرے گڑھے جن میں کبھی محبت رہتی تھی رو بھی نہ سکیں گے۔وہ آنکھیں رو نہ سکیں گی اور سینے میں جمع ہوتا غم کلیجوں کو پھاڑ دے گا۔انہیں اب خبر ہو گی کہ رات کے اندھیرے میں ان کے کپڑوں میں گھسا ایک کیڑا ان کی ساری زندگی کا رخ بدلنے کی طاقت رکھتا ہے۔
	تو میں بھی ان مہم جوؤں کی طرح پر جوش تھا۔میں سوچتا تھا کہ انسانی آلات جب لاکھوں برس قبل ہونے والے حادثات کا سراغ لگا سکتے ہیں،جب ہمارا تخیل ہمیں کروڑوں نوری سالوں کے فاصلے پر لے جا سکتا ہے تو پھر بھلا محبت کے معانی ڈھونڈنا کتنا مشکل ہو سکتا ہے؟اور پھر اس سفر میں میرے پاس کھونے کو تھا ہی کیا؟شاید تھوڑا وقت ضائع ہو جائے گا پر وقت تو مجھ جیسے معمولی شخص کے پاس بے انتہا تھا۔اتنا کہ مجھے اس کی قدر نہ رہی تھی۔اور میں اسے دوستوں کے ساتھ خوش گپیوں،بیوی کے ساتھ گھومنے اور تاش کھیلنے جیسی چیزوں میں ضائع کرتا رہتا تھا۔
٭٭٭


سایہ، پرندہ اور خواب

	ایک پرندہ سرسبز پہاڑوں پہ اڑتا ہے اور ایک اس کا سایہ ہے جو درختوں پر، گھاس کے میدانوں میں، پھولوں پر منڈلاتے بھونروں کے جسموں پر تیرتا چلا جاتا ہے۔ سایے کا یہ سفر بہت دلچسپ سہی مگر اسے کوئی اختیار نہیں ہے۔
	وہ بھلے جانتا ہو کہ ایک شرارتی بچہ خوش الحان بلبل کو غلیل سے شکار کرنے کو دبے پاؤں چلا آتا ہے پر وہ ایک ساعت ٹھہر کر بھی کسی کو بتا نہیں پاتا۔
	بھلے سنہری جھیل پر سے گزرتے ہوئے اس کا جی جتنا بھی چاہے کہ وہ چند ساعتیں رنگ برنگی مچھلیوں سے اٹھکیلیوں میں گذار دے پر وہ رک نہیں سکتا۔
	بھلے کسی پھول کی خوشبو اس کی رگ رگ میں قیامت ڈھا دے پروہ مسحور ہو کر اس کی ستائش کا حق بھی ادا نہیں کر پاتا۔
	اس کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ اس کا کوئی حق نہیں ہے۔ وہ جس وجود سے اک اٹوٹ رشتے میں جڑا ہے اس وجود کو اس کا شاید احساس تلک نہیں ہے۔ سایہ نہ رک سکتا ہے اور نہ اپنے وجود سے جدا ہو سکتا ہے۔ اسے تو بس دن بھر کو انجانی دنیاؤں کی خوبصورتی بڑی شکر گذاری کے ساتھ اپنے اندر سمیٹنا ہے اور پھر جب رات کو پرندہ اپنے پر لپیٹے کھوہ میں پہنچے گا تو اسے چپکے سے اس جسم میں آ کر چھپ جانا ہے۔
	پرندہ آنکھیں موند لے تو اسے دن بھر کی خوبصورتی کے تانوں سے بڑے بڑے خواب بننا ہیں۔۔۔۔۔۔ ان دنیاؤں کے خواب جنہیں وہ دیکھنا چاہتا ہے، ان روحوں سے ملاقات کے خواب جن سے وہ ملنا چاہتا ہے اور پھر ان خوابوں کے ہلکوروں سے پرندوں کو سلا دینا ہے۔
	پھر جب ان ننھے ننھے سے خوابوں کی کونپلیں شعور کی سنگلاخ دھرتی پر اپنے سر باہر نکالتی ہیں تو پرندہ آنکھیں کھول دیتا ہے (کسے پروا کہ اتفاقا اسی لمحہ مشرق سے کوئی آگ کا گولہ بھی ابھر آئے۔۔۔۔۔۔ پرندہ تو آنکھ خوابوں کی انہی کونپلوں کی بدولت کھولتا ہے)
	اور اب سارا دن وہ پرندہ ان خوابوں کو کھوجنے پہاڑوں پر اڑتا رہے گا جنہیں رات بھر ٹھٹھرتے سایوں نے اس کی نیند بھر آنکھوں میں پھونکا تھا۔
٭٭٭

سوچنے والا

	میں ناکام ہوں کیونکہ دنیا کو کسی سوچنے والے کی ضرورت نہیں ہے۔ بس سب کو اپنے اپنے سمندر میں اس وقت تک خود کو ڈوبنے سے بچانا ہے جب تک نقارہ بج اٹھے۔ میرے جیسے لوگ جو وقت سے بہت پہلے پانی سے گردن نکالے کسی انتظار میں ہیں، انسانیت کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ یہ ہمارا نصیب ہے کہ کسی کونے میں سسکتے ہوئے دم توڑ جائیں۔۔۔۔۔۔۔۔ ایک لاحاصل زندگی کی طرح ایک بے معنی موت۔ انسانیت کی بڑی تصویر میں جس کی کوئی اہمیت نہیں۔ چھوٹے، معمولی اعشاری اعداد کی طرح ہمیں راونڈ آف کر دیا جائے گا۔ یہی ہمارا مقدر ہے کہ اپنے اپنے کونوں کھدروں میں کراہتے رہیں۔
	ہماری حیثیت ناقص مال کی سی ہے۔ ہماری پیدائش کی ضرورت نہیں تھی۔ ہم تو بس ایک بن چاہی By product ہیں۔ ہاں بھلا سوچنے والوں کی ضرورت ہی کیا ہے؟ سر جھکانے والے غلاموں کی کھیپ تھی اور کچھ غلط ہو گیا اور ہم نے سوچنا شروع کر دیا۔ زندگی سے بھی بڑی چیزوں کے بارے میں۔ ہم نے اس سرحد پر پاؤں رکھ دیے جہاں صرف دیوتاؤں کی اجارہ داری تھی۔ کچھ عجب نہیں کہ ہر شئے ہمیں بیگانی نظر آتی ہے۔ کچھ عجب نہیں کہ ہم مکمل طور پر کھو چکے ہیں۔ ہم ناکام ہیں مگر یہ عیب ہماری تخلیق میں ہے۔
	سورج کی پہلی کرن نے اس پرانے گھرکے پیچھے سے چہرہ اٹھایا۔ میں انہیں سن سکتا ہوں، محسوس کر سکتا ہوں۔ وہ شور کرنے والے غلام بیدار ہو چکے ہیں۔ میرے حساس کان یہ سب برداشت نہیں کر پائیں گے۔ مجھے کسی اور کونے میں دبک جانا ہو گا شام ڈھلنے تک، جہاں میں مکمل تنہائی میں سوچ سکوں۔ کیونکہ سوچنا ہی ہے جو میں کر سکتا ہوں۔ جیسے کھلاڑی ایک پوسٹ سے دوسری تک گیند کو لے جاتے ہیں مجھے بھی اپنے خیالات کے گھوڑوں کو دوڑانا ہو گا۔ یہی میرے تیرنے کا طریقہ ہے۔ 
	 میں نہیں جانتا۔ کیا خبر ایک آواز، ایک مدھم سی گھنٹی میرے جیسے لوگوں کیلے بھی ہو، کیا خبر کہ نفیر عام ہو جائے کہ مجھ جیسے راندہ درگاہ لوگوں کے لئے بھی کوئی نجات ہے؟ ہاں مگر اس وقت تک مجھے اپنے سمندر میں ہی تیرنا ہو گا۔ 
٭٭٭

The story of a saint

	یہ میری سب سے مشکل کہانی ہے۔مشکل اس لئے کہ اسے لکھتے ہوئے میں خود بھی خوفزدہ ہوں کیونکہ میرے کرداروں کو بڑے بڑے مقدس پردوں میں ایسے چھپا دیا گیا ہے کہ ان کی طرف بڑھتا ہر قدم مجھے گناہ کی طرح لگتا ہے۔ ان کے جسموں میں کہیں تاریکی کا شائبہ بھی نظر آ جائے تو میں پوری دنیا کھنگال ڈالنا چاہتا ہوں تاکہ اس وجود کو کھوج سکوں جس کا سایہ یہ تاریکی پھیلا رہا ہے۔یہ اتنے معصوم، اتنے خوبصورت لوگ ہیں کہ آپ ان کا مطالعہ نہیں کر سکتے۔جیسے آپ کبھی سوچ بھی نہیں سکتے کہ اپنی محبوبہ کے شفاف جسم کو کبھی dissecting ٹیبل پر رکھا جا سکتا ہے۔ لیکن ان میں ایک لڑکی ہے جو چاہتی ہے کہ میں یہ کہانی لکھوں۔
	وہ یہاں نہیں ہے۔یہاں سے بہت دور کسی ملک میں شاید ایک عام سی زندگی گذار رہی ہے۔ اتنی عام کہ شاید اس کے ساتھ چلنے والوں کو کبھی خبر ہی نہ ہوتی ہو گی کہ وہ کوئی خاص لڑکی ہے۔وہ صبح سویرے اٹھتی ہے۔بچوں کو تیار کروا کر سکول بھیجتی ہے۔شوہر کو ناشتہ کرواتی ہے اور پھر گھر کے کاموں میں جت جاتی ہے۔کبھی سودا سلف نکلنے کے لئے باہر نکلتی ہے اور ٹیوب کی کھڑکیوں سے گزرتے مناظر کو دیکھتی ہے تو اسے ایک عجیب سا احساس ہوتا ہے۔جیسے اس کے اندر ایک چھلاوہ ہے جو نکل کر باہر آ جاتا ہے اور ٹرین کے ڈبوں کو چیرتا ہوا آگے نکل جاتا ہے اور سارا راستہ پٹڑی پر ٹرین کے آگے بھاگتا ہے۔وہ سارے مناظر دیکھ لیتا ہے جو بند ڈبے میں بیٹھی لڑکی کبھی نہیں دیکھ پاتی۔سوال یہ نہیں کہ وہ یہ کیسے کرتی ہے سوال یہ ہے کہ ٹرین کے آگے بھاگ کر بھی وہ پہنچتی تو وہیں ہے نہ جہاں دوسرے اپنے جسموں میں منجمد لوگ پہنچتے ہیں۔
	وہ لڑکی کبھی کبھی شام گھر کے قریب ایک چھوٹے سے چشمے پر چلی جاتی ہے۔چشمہ جس کا پانی اتنا شفاف ہے کہ وہ چھوٹے چھوٹے گڑھوں میں تیرتی مچھلیاں دیکھ سکتی ہے۔۔۔۔وہ ان مچھلیوں کو دیکھتے دیکھتے کبھی اتنی محو ہو جاتی ہے کہ خود بھی ایک مچھلی بن جاتی ہے اور ان کے ساتھ تیرے جاتی ہے۔وہ گھنٹوں ان کے ساتھ تیرتی ہے اور خود کو گھورتے ہوئے نوجوان جوڑوں پر ہنستی ہے۔سوال یہ نہیں ہے کہ وہ یہ سب کیسے کرتی ہے۔سوال یہ ہے کہ وہ پھر بھی تھوڑی دیر میں چشمے کے پانی کو چھوڑ کر اپنے گھر میں پہنچ جاتی ہے جہاں اسے اپنا شوہر کمپیوٹر پر کام کرتا نظر آتا ہے اور بچے ٹی وی پر ویڈیو گیمز کھیل رہے ہوتے ہیں۔ وہ سب اسے اتنے مصروف نظر آتے ہیں کہ وہ سوچ میں پڑ جاتی ہے کہ پتہ نہیں انہیں میری ضرورت ہے بھی یا نہیں۔ کتنا اچھا ہوتا کہ وہ ابھی تھوڑی دیر اور تیرتی رہتی۔شائد کوئی اسے یاد بھی نہیں کرتا۔ مگر پھر سب اس کی طرف متوجہ ہو جاتے ہیں اور اسے اپنی زندگی کی طرف کھینچ لیتے ہیں۔
٭٭٭

باقی رہ جائے گا تو بس خدا کا چہرہ

	ایک وقت تھا جب کائنات میں خدا کے چہرے کے سوا کچھ نہ تھا اور ایک وقت ہو گا باقی رہ جائے گا تو بس خدا کا چہرہ۔ ہماری ساری کہانی اس بیچ کی ساعت میں لپٹی ہے۔
	ایک خاک کے پتلے میں خدائے بزرگ و برتر نے اپنی روح پھونکی اور کائنات کے کسی گوشے میں کوئی مخلوق ایسی نہ تھی جس کے بدن میں شک کے نشتر نہ اتر گئے ہوں۔تشکیکیت کے اسی پانی میں اس اولی العزم کے پر بھی گیلے ہو گئے جس نے ہزار برس کی بے ریا ریاضت سے مقامِ بلند پایا تھا۔
	سوال انوکھا تھا۔ بھلا کیونکر ایک رزیل اور بے حقیقت مخلوق روحِ الوہیت کے اظہار کا ذریعہ بن سکتی ہے؟ بھلا کیونکر پستی کا یہ مکیں کائنات کی سب سے بڑی حقیقت کا مسکن بن سکتا ہے؟
	تو کائنات گہری فکر کے سمندر میں غوطے کھاتی تھی کہ امتحان اور بھی مشکل کر دیا گیا۔ ایک مہرباں مسکراہٹ کے جلو میں سجدے کا حکم صادر ہو گیا اور ہر سوال کی گردن پر ایک جملہ تیرنے لگا۔
	’’ ہم وہ جانتے ہیں جو تم نہیں جانتے‘‘
	صدورِ حکم کے بعد کھیل بڑا واضح ہو گیا۔
	ایک گروہ فرشتوں، جمادات،نباتات اور حیوانات کا تھا جنہوں نے اپنے سینوں میں اٹھنے والے ہر سوال کو تقدس کی موٹی چادر میں لپیٹ کر اونچے طاقچوں میں رکھ دیا (جہاں انکے بے اختیار ہاتھ اگر چاہتے بھی تو پہنچ نہ پاتے) اور سجدے میں گر پڑے۔
	ایک گروہ شیطان اور اس کے حوارین کا تھا جنہوں نے اپنی جبینوں پر مچلتے سجدوں کو اس وقت تک روک رکھنے کا عزم کیا جب تک کہ ان پر اس حکم کی منطق کھول نہیں دی جاتی۔ وہ راندہ درگاہ نہیں بس بارگاہِ ایزدی سے منتظرِ دلیل ہیں۔ جیسے ہی دلیل مکمل ہو گی انہیں سجدے میں گرتے ایک لمحے کا توقف نہ ہو گا۔
	اور تیسرا گروہ خود انسانوں کا ہے۔ ہم دونوں گروہوں کے کہیں بیچ میں ہیں۔ ہم بنا دلیل کے مانیں تو فرشتوں، جمادات، نباتات اور حیوانات کے مقام پر جا گریں اور اور دلیل مکمل ہونے کا انتظار کریں تو شیطان اور اس کے حواریوں میں ملا دیے جائیں۔
	وقت کی اس گہری رات میں ہم بہت بار فرمانِ رب پر اندھے ہو کر گرے اور بہت بار شک کی دیو قامت لہریں ہمیں اٹھائے اتنا اونچا لے گئیں کہ ہم خود رب کے باب میں بھی بدگمان ہو لگے۔ لیکن ہم کسی ایک مقام پر ٹھہر نہ سکے۔ ہمارے اندر کچھ ہے۔۔۔۔۔۔ایک دو رخا آئینہ جس میں ایک سمت دیکھتے ہیں تو ایک ایسی مجبورِ محض مخلوق کو پاتے ہیں جس کی سانس بھی چلتی ہے تو رحمتِ پروردگار کے طفیل اور دوسری سمت دیکھتے ہیں تو پاتے ہیں خود خدا کا چہرہ۔
	ہم اگر صبحِ ازل کے ان ملگجے اندھیروں میں دیکھ پاتے تو دیکھتے کہ آدم کے سامنے سجدے میں گر جانے کا حکم  محض شیطان اور فرشتوں کے لئے نہیں تھا بلکہ خود آدم کے لئے بھی تھا۔وہ سجدہ تو اس روح کو تھا جو پروردگارِ عالم نے آدم میں پھونکی تھی تو پھر بھلا آدم کو اس سجدے سے رخصت کیسے مل سکتی تھی؟
	آدم کو بہشت سے محض شجرِ ممنوعہ نے نہیں نکالا بلکہ اس سجدے کی تڑپ نے نکالا جو اس نے ابھی کرنا تھا۔ بہشت جیسے مقام پر جہاں ’’کسی کو نہ کوئی غم ہوتا ہے اور نہ کوئی حزن سے دوچار ہوتا ہے ‘‘بھی ہم آدم کو شجرِ ممنوعہ کے لئے مضطرب پاتے ہیں تو صرف اس لئے کہ اسے ایک سجدہ ابھی کرنا تھا۔ ایک ایسا سجدہ جو حکمِ الہی کی اندھی تقلید میں ہوتا اور نہ دلیل ِ الہی کا منتظر رہتا بلکہ اسے تو اپنی دلیل خود بننا تھا۔ بھلے اس کے گرد کتنا بھی اندھیرا ہو مگر اسے ٹٹولتے، گرتے پڑتے، ٹھوکریں کھاتے اس دیے تک پہنچنا ہی تھا جو اِک محبت کرنے والے نے اس کے اندر رکھ دیا تھا۔ وہ دیا جو اگر جل اٹھا تو اس پتلا خاکی میں خدا کے چہرے کی جھلک نظر آئے گی اور شیطان سے فرشتوں تک ساری کائنات ایک ابدی سجدے میں گر جائے گی۔
	پر یہ تلاش آسان نہیں ہے۔ ہم جسم کے بام و در میں جتنا چاہیں بھٹک لیں خدا کو نہیں ڈھونڈ پائیں گے۔ ہمارا دو رخا آئینہ کوئی کنجی نہیں بس ایک قطب نما ہے۔ بس ایک ندا ہے ہمیں بتانے کو کہ ’’ چلے چلو کہ وہ منزل ابھی نہیں آئی‘‘۔ ہم علم، عقل، وجدان کی کتنی بھی اونچی سیڑھی پر چلے جائیں مقامِ خدا اور ہم میں لا متناہی فاصلے حائل رہیں گے۔ اور لامتناہی فاصلے بھلا کون طے کر سکتا ہے؟
	تو مان لیں کہ آپ خدا تک نہیں پہنچ سکتے۔ پر لامتناہی لفظ کے سارے بھید میرے رب کے سامنے کھلے ہیں۔وہ تو لامتناہی کائناتوں کی تخلیق کے لئے ’’کن فیکون‘‘ کہنے کا بھی محتاج نہیں ہے۔ تو بھلے آپ خدا تک نہیں پہنچ سکتے پر مان لیں کہ وہ آپ تک پہنچ گیا ہے۔ کوئی آئینہ شاید اتنا شفاف نہ ہو کہ ہم جس میں اسے اپنے چہرے میں دیکھ پائیں مگر ہم کم از کم دوسرے انسانوں کے لئے تو اس چہرے کے اظہار کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ 
	جب ہم بھوک سے بلکتے بچوں کو اپنے حصے کی روٹی دیتے ہیں، جب ہم دشمن کی چھاتی پر بیٹھ کر تیز دھار خنجر کو اس کی گردن پر رکھتے ہوئے اسے معاف کر دیتے ہیں، جب ہم علم کی روشنی سے لوگوں کے دلوں کو منور کرتے ہیں تو ہمارا اپنا چہرہ کہیں پیچھے چھپ جاتا ہے اور وہ لوگ دیکھ پاتے ہیں تو بس ان کے رب کا چہرہ۔
	زندگی ہر روز ہمارے سامنے نئے سوال رکھے گی۔ لیکن سوال جو ہمارے دل میں اٹھنا چاہیے وہ ایک ہی ہو گا کہ ’’میرا رب اگر یہاں ہوتا تو انکے ساتھ کیا معاملہ کرتا؟‘‘ کیا وہ سردی سے ٹھٹھرتے بوڑھے کو چھوڑ کر اپنی گرم پوشاک میں آگے بڑھ جاتا؟ کیا وہ دشمن کی تلواروں کے خوف سے کلمہ حق سے منکر ہو جاتا؟ کیا وہ علم دینے میں بخیلی سے کام لیتا؟
	جب ہم خدا کے انداز میں جواب دینے کی سعی کرتے ہیں تو دیکھنے والے کو ہمارے چہرے میں خدا کا چہرہ نظر آتا ہے۔ اور ایک وقت آئے گا جب نوعِ انسانی خواہشات کی بے معنی ردائیں اتار پھینکے گی، جب وہ اپنی آرزوؤں کی تلوار اس بادشاہِ عظیم کے قدموں میں لا رکھے گی اور پھر کائنات میں کچھ بھی نہ رہے گا سوائے خدا کے چہرے کے۔ وہ دن ہو گا جب پوری کائنات یکسو ہو کر ایک سجدہ عظیم میں گر جائے گی۔	٭٭٭

سچ کے avalancheپر بھاگتے ہوئے گھوڑے

	سچ ہمارے  لئے ایک چیستاں رہا تو صرف اس لئے کہ ہم نے اسے ہمیشہ ایک object کے طور پر لیا ہے۔ہم نے اس کی پرستش کی ہے،اس کی خاطر سولی پر چڑھے ہیں،اس کے نام پر لاکھوں کو تاراج کیا ہے،اس کی حسرت میں زندگیوں کو رائگاں کیا ہے۔سچ ایک نہ سمجھ میں آنے والی پراسرار دھن بجاتا pied piper  رہا اور ہم آنکھیں بند کئے چوہوں کی طرح اس کے پیچھے پیچھے چلتے اپنے مسکن سے بہت دور آ گئے۔پر سچ اس لئے تو نہیں ہوتا۔
	سچ تو کوئی objectکبھی تھا ہی نہیں۔سچ تو ہمارے اندر کی روشنی تھی جسے مالک نے دنیا دیکھنے کے واسطے ہمیں دیا تھا۔آخر وہ اتنے بڑے اندھیرے میں ہمیں بغیر تیاری کے کیسے پھینک دیتا۔تو سچ ہم ہیں مگر دنیا میں کہیں کوئی آفاقی سچ نہیں ہے۔۔۔۔۔۔ایسا سچ جو کسی اوڑھنی کی طرح ساری نوعِ انسانی کے جسم کو ڈھانپنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ایسا سچ کہیں نہیں ہے۔یہاں میرا سچ ہے، تیرا سچ ہے، اس کا سچ ہے مگر کوئی ہمارا سچ نہیں ہے۔ہم غلطی کرتے ہیں تو بس اتنی کہ اپنے سچ کی گٹھڑی دوسروں کے سر لادنے کی کوشش کرتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔اپنی طاقت، اپنے ایمان اور اپنے جذبے کے بل بوتے پر اور یہیں سے ساری خرابی جنم لیتی ہے۔
	بہت اندھیری رات ہے۔اتنی اندھیری کہ ہاتھ کو ہاتھ سجھائی نہیں دیتا۔اور ایسے میں ہم سیاہ کار اپنی اپنی کنجِ عافیت سے نکلتے ہیں (یا ہمیں باہر دھکیل دیا جاتا ہے)۔اب ایک نہ سمجھ میں آنے والی،نہ دکھائی دینے والی دنیا ہمارے سامنے ہے۔ہمیں بھٹکتے، گرتے پڑتے لوگوں کی کراہیں سنائی دیتی ہیں،بڑے بڑے کانٹے اور پتھر ہمارے پیروں کا امتحان لیتے ہیں، بھیڑیوں کی دیوانہ وار Howlingہمیں دہلائے دیتی ہے اور ایسے میں موت کے خوف سے لرزتے ہم سہمے ہوئے لوگ اس ذاتِ کریم کو پکارتے ہیں 
"Eli, Eli, Lama sabachthani? ( My God, My God, why  hast thou forsaken me?")
	اندھیرے میں اتنی دعائیں گونجتی ہیں کہ وہ مجسم ہو جاتی ہیں اور ترحم انگیز نظروں سے اپنے لوگوں کو دیکھتی ہیں۔پھر ایک ابدی مسکراہٹ کے جلو میں صدا گونجتی ہے۔
	’’ہم کسی روح پر اس کی استطاعت سے بڑھ کر بوجھ نہیں ڈالتے‘‘
	خدا کی ذات سب جاننے والی اور ہر شئے پر حاوی ہے۔وہ جو طوفانِ نوح سے پہلے کشتی تیار کرنے کا حکم دیتا ہے،وہ ذات جس کے علم کے سمندر کی اِک بوند خضر کو ملتی ہے تو وہ اس بچے کو مار ڈالتا ہے جس نے جوان ہو کر ماں باپ کو تکلیف پہنچانی تھی۔وہ ذات بھلا کیسے ہمیں اندھیروں میں بھٹکنے کو چھوڑ سکتی ہے۔تو وہ خود اپنی مسند چھوڑ کر ہمارے دل میں اتر آتا ہے اور ہمارا دل روشن ہو جاتا ہے۔
"Allah is the Light of the heavens and the earth. The Parable of His Light is as if there were a Niche and within it a Lamp: the Lamp enclosed in Glass: the glass as it were a brilliant star: Lit from a blessed Tree, an Olive, neither of the east nor of the west, whose oil is well-nigh luminous, though fire scarce touched it: Light upon Light! Allah doth guide whom He will to His Light: Allah doth set forth Parables for men: and Allah doth know all things."
 (24:35)   
	ہمارے اندر سے پھوٹتی یہ روشنی ہمارے اردگرد کی دنیا کو ہمارے  لئے کم ہولناک بنا دیتی ہے۔درندے ا ب بھی دھاڑتے ہیں، نہ نظر آنے والے خون آشام پرندوں کی پھڑپھڑاہٹیں ہم اب بھی سنتے ہیں لیکن ہمارے اردگرد جو یہ روشنی کا ہالہ بن جاتا ہے یہ ہمیں پرسکون کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہم بھی کتنے عجیب ہیں۔ہم اپنے دل میں اچھی طرح جانتے ہیں کہ لاکھوں نوری سالوں تک ہمارے چھ جہات میں اندھیرا بکھرا ہے مگر ہم مطمئن ہیں کہ ہمارے اندر کی روشنی سے یہ چند مربع گز کی زمین تو منور ہے۔ہم اس پر خداوند تعالی کے شکر گذار ہوتے ہیں اور وہ ذاتِ بابرکت ہمارے اس شکر پر مسکراتی ہے اور فخر سے ملائکہ کی طرف دیکھتی ہے۔دیکھو یہ میرے شکر گذار بندے اس حالت میں بھی میرا شکر بجا لا رہے ہیں۔میں ان کے لئے خوبصورت جنت کی تخلیق کروں گا جسے حوروں اور بہنے والے پاکیزہ دریاؤں سے بھر دوں گا۔ایسی جنت جس میں کسی کے لئے نہ کوئی خوف ہو گا اور نہ وہ حزن سے دوچار ہو گا۔
	تو ہم اپنی محدود روشنی، اپنے محدود سچ سے دنیا کو دیکھتے ہیں اور یہی محدود سچ ہماری دنیا ہے۔ ایک طرح سے دیکھیں تو یہی محدود سچ ’’ہم‘‘ ہیں اور ’’ہمارا خدا‘‘ ہے۔ہر انسان کے لئے ایک سچ ہے اور وہی سچ اس کی کائنات ہے اور ہم اس کائنات  سے اوپر نہیں اٹھ سکتے۔
٭٭٭

عفریت

	اس کا دم گھٹ رہا تھا۔اس نے اپنے اپارٹمنٹ کا دروازہ کھولا اور سیڑھیاں چڑھتا ہوا چھت کی طرف نکل گیا۔چھت پر پہنچتے ہی انتہائی سرد ہواؤں نے اس کا استقبال کیا۔مگر ساتھ میں ان برف کے نشتروں نے اس کی روح میں بھری ساری کسلمندی ددر کر دی۔وہ آہستہ آہستہ ٹہلتا ہوا منڈیر کی طرف گیا۔یہ خاصے اونچے اپارٹمنٹس تھے۔وہ یہاں سے شہر کا ایک بڑا حصہ دیکھ سکتا تھا۔دور تک پھیلے نیم تاریک گھر اور اپنے بستروں میں دبکے اس جیسے انسان۔کاش وہ سب کو یہیں،اس چھت پر اکھٹا کر سکتا۔یہ آزادی،یہ توانائی جو یہاں اس وقت تھی،وہ سب میں بانٹنا چاہتا تھا۔جیسے یہ سب ہزاروں برس پرانی کسی کارواں سرائے کا صحن ہو اور آگ کے گرد بیٹھے مسافروں کو وہ دور دیس کے قصے سنا سکے۔پر یہاں کون تھا؟شہر خموشاں میں بھی سلام کرتے ہوئے داخل ہونے کا حکم ہے کہ زندگی کے کچھ درجات ایسے بھی ہیں،ہم جن کا شعور نہیں رکھتے۔پر اس شہر کی نیند تو موت سے بھی گہری تھی۔یہاں سلام بھی کرو تو وہ پہاڑوں کی بازگشت کی طرح اپنے ہی کانوں کا طواف کرنے لگتا ہے۔وہ منڈیر سے پشت ملا کر بیٹھ گیا۔اس کا چہرہ سفید ہو رہا تھا،ہاتھ سردی سے پھول رہے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔۔پر وہ پھر بھی کہیں جانا نہیں چاہتا تھا۔
	ایسے میں اسے ایک سسکی سنائی دی۔اس نے دیکھا کہ چھت کے دوسرے کونے پر کوئی تھا جو آسمان کی طرف چہرہ اٹھائے رو رہا تھا۔وہ اسے جانتا تھا (اگرچہ یہ واقفیت خاصی حیران کن بات تھی۔پر اس لڑکے کو تو گویا ان اپارٹمنٹس میں ہر کوئی پہچانتا تھا)۔وہ ایک مدقوق سا لڑکا تھا جس کی آنکھوں کے گرد گہرے حلقے تھے۔ وہ ہمیشہ گھبرایا اور کھویا ہوا نظر آتا تھا۔ہر مہینے وہ خود کشی کی کسی نئی کوشش میں ناکام ہوتا ہوا پکڑا جاتا تھا۔کبھی وہ اپنی کلائیوں کو بلیڈ سے کاٹ لیتا،کبھی بہت سی خواب آور گولیاں کھا لیتا،ریل کی پٹڑی پر جا لیٹتا،پنکھے سے لٹکنے کی کوشش بھی کر دیکھی۔۔۔۔۔۔۔۔۔مگر ہر دفعہ بچا لیا جاتا۔کون جانے کہ وہ یہ کوششیں کیوں کرتا تھا؟وہ حیران تھا تو صرف اس بات پر کہ دوسرے بہت سے لوگ ایسا کیوں نہیں کرتے تھے؟
	پھر اس نے دیکھا کہ لڑکا منڈیر پر کھڑا ہو گیا۔اس کا جسم ہولے ہولے کانپ رہا تھا۔اس کے آنسو ابھی تک تھمے نہیں تھے۔اس کے قدم غیر ارادی طور پر لڑکے کی طرف اٹھنے لگے۔لڑکا اسی طرح اس منڈیر پر کھڑا لرز رہا تھا۔لگتا تھا کہ ابھی وہ چھلانگ لگا دے گا۔
	’’ تو آج اس بیوقوفانہ اقدام کو روکنے کی باری میری ہے۔‘‘ اس نے بیزاری سے سوچا اور لڑکے کو بازوؤں سے پکڑ لیا۔اور پھر اسے ایک عجیب سا احساس ہوا۔لڑکے کے تنے ہوئے اعصاب ڈھیلے پڑ گئے۔لڑکے نے مڑ کر اسے دیکھا تو ان آنکھوں میں دیوانگی کی کوئی جھلک نہ تھی۔ایک ممنونیت تھی،احساس تشکر تھا اور جیسے کہ وہ اسی لمحے کا منتظر تھا۔اسے لگا جیسے وہ لڑکا دل ہی دل میں مسکرا بھی رہا ہو اس پر،اس شہر پر،زندگی پر۔۔۔۔۔۔وہ شاید مرنا ہی نہیں چاہتا تھا۔اسے شاید بس زندگی و موت کا یہ کھیل کھیلنے میں مزا آتا تھا۔۔۔۔۔۔ایسا نہ ہوتا تو بھلا وہ کیوں منتظر ہوتا؟
	اور اب لڑکے کا ڈھیلا ہوتا ہو اجسم انتظار میں تھا کہ وہ اسے کب اپنی طرف کھینچتا ہے پر اس نے۔۔۔۔۔۔بڑی آہستگی سے اسے باہر کی طرف دھکیل دیا۔لڑکے کی آنکھوں میں بے اعتباری کا سیلاب اتر آیا اور پھر ایک دلدوز چیخ کے ساتھ وہ نیچے گرنے لگا۔
	پہلی روشن کھڑکی جس سے اس نے سفید شلوار قمیض پہنے اس بڑھیا کو نماز پڑھتے دیکھا،دوسری روشن کھڑکی جہاں سر جھکائے ایک لڑکا اپنی کتابوں میں مشغول تھا،تیسری روشن کھڑکی جہاں ایک عورت اپنے شوہر کے سینے سے لگی کھڑی تھی اور پھر روشنی کی ایک چھوٹی سی کھنچتی ہوئی درز۔۔۔۔۔۔جس سے وہ سب کچھ دیکھ سکتا تھا۔وہ عورت،وہ لڑکا،وہ بڑھیا،پچھلے سال نظر آنے والا سورج گرہن،اپنی محبوبہ کی شادی پر جلنے والے قمقمے،اپنی ماں کی آنکھیں اور۔۔۔۔وہ سب کچھ دیکھ سکتا تھا مگر تیز برفیلی ہوا جوا سکی آنکھوں میں گھسی جا رہی تھی،بے پناہ طاقت سے بجتے ہوئے ڈھول کا شور اور پاگل کر دینے والی چنبیلی کی خوشبو۔اس نے اپنی آنکھیں بند کر لیں۔وہ اب کچھ اور دیکھنا نہیں چاہتا تھا۔ اور پھر دھپ کی ایک بے ڈھنگی صدا کے ساتھ اندھیرے اس کے جسم میں بکھر گئے۔
	نماز پڑھتی بڑھیا نے ایک مدھم سی چیخ سنی۔۔۔۔۔۔۔۔۔اس نے کن اکھیوں سے کمرے میں دیکھا۔یہ عمر کا وہ دور تھا جب آپ فرشتوں کے پروں کی پھڑپھڑاہٹ بھی سننے لگتے ہو اور ہر آہٹ کسی بلاوے کی طرح لگتی ہے۔کمرے میں کسی کو نہ پا کروہ پہلے کے سے خشوع سے پھر عبادت میں مصروف ہو گئی۔
	میز پر پڑھتے لڑکے کو کوئی صدا نہیں آئی۔کیونکہ اس کے کمرے میں خاصی تیز آواز میں میوزک بج رہا تھا پر اسے لگا جیسے کوئی سایہ سا اس کی آنکھوں کے سامنے سے گزرا ہو۔اس نے کھڑکی کے قریب ہو کر باہر دیکھا تو سب کچھ ویسا ہی تھا۔آسمان پر چاند جگمگا رہا تھا اور سامنے سارا شہر نیم تاریک اور خاموش تھا۔وہ پھر سے اپنی کتاب میں کھو گیا۔
	عورت نے چیخ سنی اور وہ وہیں منجمد ہو کر رہ گئی۔اس نے ایک لمحہ کو انتظار کیا کہ شاید کوئی اور صدا آئے جس سے اس اسرار کی کچھ خبر ہو سکے اور پھر تھوڑے انتظار کے بعد پہلی سے گرم جوشی سے اپنے شوہر سے لپٹ گئی۔
	اور وہ اب تنہا چھت پر کھڑا تھا۔ اس نے ایک مرتبہ بھی منڈیر سے جھانک کر نیچے نہیں دیکھا۔اسے دیکھنے کی ضرورت بھی نہیں تھی۔وہ تو بس یہ سوچ رہا تھا کہ اگر کچھ دیر اور چھت پر کھڑا رہا تو سردی لگ جانے کا امکان ہے۔اس لئے اپنے اپارٹمنٹ کی طرف چل پڑا۔کمرے میں جاتے ہی وہ بستر پر گرا اور جلد ہی گہری نیند سو رہا تھا۔ویسی ہی میٹھی نیند جیسی لمبی مسافت طے کرنے کے بعد میسر ہوتی ہے۔
٭٭٭

سانپ، بچھووں سے بھرا تھیلا

	یوں سمجھ لیں کہ ہم سب لوگ جب جنگل کی سیر کو نکلے تو ہمیں ایک تھیلا دیا گیا کہ جاؤ اور اس میں اپنی پسند کی چیزیں بھر لو۔ میرے ساتھ والوں نے اس میں جنگل کے خوش ذائقہ پھل بھرے، کسی نے دھنک رنگ تتلیاں، کوئی خوش آواز کیڑے پکڑتا رہا اور کوئی اپنے تھیلے کو خوشبودار جڑی بوٹیوں اور پتوں سے بھرتا رہا اور میں۔۔۔۔۔ میں نے اپنے تھیلے میں بچھو اور سانپ اور کانٹے اور بھڑیں بھر لیں۔ 
	اپنی شرارت پر میں بہت خوش تھا۔ جب ہم سب واپس پہنچے تو ہمیں کہا گیا کہ اپنے اپنے تھیلے میں ہاتھ ڈالو اور سب سے بہترین چیز نکال کے تحفے کے طور پر پیش کرو۔ سب لوگ بڑی خوشی سے اپنے تھیلوں میں بہترین چیزیں ڈھونڈتے تھے اور ایک میں تھا جو تھیلے میں ہاتھ ڈالنے کے تصور سے بھی لرزاں تھا۔
	میں وہی ہوں موت جس کے قریب بڑھتی ہے اور حکم کی آواز ہے کہ چاروں طرف گونجے پھرتی ہے کہ لاؤ تم میرے  لئے کیا لائے ہو؟ اور میں اپنے ماضی کی پٹاری میں ہاتھ ڈالنے کے تصور سے بھی سہما جاتا ہوں۔ میرے  لئے موت ایسی ہی خوفناک چیز ہے۔ 
٭٭٭

سینڈریلا کا جوتا

	ذرا سوچئے اگرسینڈریلا کا جوتا واقعی کسی اور خاتون کے پیر میں پورا آ جاتا تو شہزادے صاحب تو جیتے جی مارے جاتے۔ وہ پرانا دور تھا جس میں سینڈریلا کا جوتا کوئی پہن نہ سکا۔ورنہ آج کے دور میں تو ایک ہی سائز لاکھوں لوگوں کا ہوتا ہے۔جیسے فرض کریں کہ وہ سائز چھ کا جوتا پہنتی تھی (جو کہ خواتین کا بڑا مشہور سائز ہے)۔اب اگر آپ یہ جوتا لے کر ڈھونڈنے نکلو تو ہر تیسری خاتون کے پیروں میں یہ اسی طرح فٹ ہو جائے گا کہ جیسے انہی پیروں کے لئے بنا ہو۔
	یہاں سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ سینڈریلا کوئی بہت غیر معمولی پیروں کی مالک تھی۔یا تو وہ بالکل جناتی سائز کے تھے یا پھر بچوں کی مانند چھوٹے سے۔اور اگر ایسے میں سپاہی اسے ڈھونڈنے نکلتے تو یقیناً انہیں کوئی ایسی نوجوان لڑکی ڈھونڈنے میں بہت دقت نہ ہوتی جو سائز تین یا گیارہ کا جوتا پہنتی ہو (اگر آپ اس humiliationکو نظر انداز کر دیں جو ایسا جوتا اٹھائے اٹھائے پھرنے پر انہیں ہوتی)۔لیکن سچ یہی ہے کہ ہم بس نہیں مان سکتے کہ سینڈریلا سی لڑکی ایسے عجیب الخلقت پیروں کی مالک ہو گی… بس کیا کریں یہ ہمارے تصورِ حسن سے لگا نہیں کھاتی۔
	ایک وجہ اور بھی ممکن ہے۔ شاید پہلے زمانے میں انفرادی لوگ رہا کرتے ہوں گے۔ہر ایک امتیازی خصوصیات کا مالک،ہر ایک علیحدہ سا انسان۔اور اب تو ہجوم کا دور ہے۔اب جو چاہو کر گزرو مگر آپ خود کو کسی ہجوم میں شامل ہونے سے نہیں بچا سکتے۔ جیسے اگر آپ صبح اٹھ کر ورزش کے شوقین ہو تو آپ ان لاکھوں لوگوں میں شامل ہو جو روزانہ ایسا ہی کرتے ہیں۔اگر آپ کوٹ پہنتے ہوئے پہلے بایاں بازو اندر کرتے ہو تو آپ کا انداز ان دو کروڑ لوگوں سے ملتا ہے جواس طریقے سے کوٹ پہنتے ہیں۔یہ اعداد و شمار پوری دنیا کے نہیں ہیں کیونکہ تجرباتی طور پر بھی ایسا ممکن نہیں کہ تمام دنیا کے لوگوں کو کوٹ پہنایا جا سکے۔اگر ہم ایسا کر دیتے ہیں تو کم از کم ایک لمحے کے لئے تو پوری دنیا کی غربت ڈھک جاتی ہے۔ان ذلت کے مارے لوگوں کو معلوم ہو جاتا ہے کہ وہ بھی دوسروں کی طرح انسان ہی ہیں۔اگر ایسا ہو گیا تو افریقہ کے آفت زدہ قصبوں اور ہندوستان کی کچی بستیوں میں کوٹ پہنے Gentlemenگھومیں گے… نہیں،ایسا ممکن نہیں ہے۔ہماری تہذیب اپنے تمام تر وسائل کے باوجود بھی دنیا کے لوگوں کو ایک گھنٹے کا Gentlemanنہیں بنا سکتی۔
	اور اگر ایسے میں یہ بھوکے لوگ پستول تان کر ہماری چلتی گاڑیاں روک لیں، اگر ایسے میں لوگ سینے پر بم باندھ کر ہمارے پر شکوہ ہوٹلوں کو اڑا دیں تو ہمیں شکوہ نہیں کرنا چاہیے۔کیونکہ ہمارے وسائل نے ہمیں یہ موقع فراہم کر دیا تھا کہ ہم جب چاہتے ان کا پیٹ بھر سکتے تھے،ہم ہر ایک کو اوڑھنے کا کپڑا دے سکتے تھے،ہر ایک کے لئے سر چھپانے کی جگہ ممکن تھی… ہم یہ سب کر سکتے تھے مگر ہم نے ترجیح دی کہ ہماری الماریاں ان کپڑوں سے بھرتی رہیں جنہیں ہم کبھی نہیں پہنیں گے،ہر شہر میں ہمارے محل بنتے رہیں جن میں خاموشی رقصاں ہو گی،ہمارے معدوں سے زیادہ خوراک جب کوڑے دانوں میں جاتی رہے… ایسے میں ہمیں کنپٹی پر رکھے پستول پر افسوس نہیں کرنا چاہیے کہ یہ تو ہمارا اپنا انتخاب ہے۔
٭٭٭

بازی گر

	یہ بازی گر جب پہلے پہل کسی مجمع میں پرفارم کرتے ہیں تو انکے دل دھڑک رہے ہوتے ہیں۔ بہت زیادہ تربیت کے باوجود ان کے پاؤں لرزتے ہیں۔ وہ اپنی زندگی میں بیسیوں مرتبہ گر چکے ہوتے ہیں سو انہیں خوفزدہ تو نہیں ہونا چاہیے۔۔۔۔۔۔۔ پر وہ آج گر نہیں سکتے۔ کیونکہ آج گرنے پر صرف ان کے جسم نہیں ٹوٹیں گے ہزاروں لوگوں کے خواب ٹوٹ جائیں گے۔ خواب جو انہوں نے بڑی محبت اور امید سے سینچے ہیں۔ پر لوگ ایسے نازک خواب دیکھتے ہی کیوں ہیں جنہیں دیکھنے کے لئے سانسوں کو روکنا پڑے؟
	یہ ہم نہیں جان سکتے۔ ہم جان سکتے ہیں تو صرف اتنا کہ لوگ ان خوابوں کو بچانے کے لئے اپنی زندگیاں گذار دیتے ہیں۔ تمام عمر وہ ایک ایسے شیش محل کو چمکاتے رہتے ہیں جسے بے احتیاطی سے لی گئی سانس بھی دھندلا دے گی (پر سانسوں کو آخر کب تک روکا جا سکتا ہے؟)۔ ہر آن وہ ایک تنی ہوئی رسی پر چلنے کو کوشاں رہتے ہیں۔ یہ جانتے ہوئے بھی کہ نیند کا ایک جھونکا انہیں زمین پر گرا دے گا (اور ہمیشہ کی بیداری خدا کے سوا کسے سزاوار ہے؟)۔
	پھر دادوتحسین کے غلغلوں کے بیچ وہ یہ معرکہ سر کر لیتے ہیں۔ اگلی مرتبہ وہ زیادہ اعتماد، زیادہ یقین سے چلتے ہیں۔۔۔۔۔۔ اور پھر وہ وقت بھی آتا ہے جب انہیں خبر ہوتی ہے کہ اس رسی پر چلنا تو کوئی کرتب تھا ہی نہیں۔ وہ تو اس پر اس آسانی سے گھوم سکتے ہیں جیسے کوئی کشادہ شاہراہ پر چلتا ہو۔ اور اب اس احساس کے ساتھ ان کے دل پر ایک عجیب بوجھ بڑھنے لگتا ہے۔
	’’میں کسی ستائش کا مستحق نہیں ہوں۔ میں تو صرف چل رہا ہوں جیسے دوسرے لوگ چلتے ہیں۔‘‘
	اب تالی کی ہر گونج انہیں اذیت دیتی ہے۔ تحسین کے ڈونگروں پر ان کا دل بیٹھا جاتا ہے۔ لیکن وہ آخر کیا کر سکتے ہیں ؟ اگر وہ بنا اداکاری کئے آرام سے رسی سے گزر جائیں (جیسا کہ وہ بہت دنوں سے کر سکتے ہیں ) تو تماشہ ختم ہو جائے گا۔ خوشی کی آس میں یہاں آئے کتنے چہرے تاریک ہو جائیں گے۔ ہزاروں لوگوں کے خواب ٹوٹ جائیں گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ نہیں، وہ ایسا نہیں کر سکتے۔
	تو پھر ایسے میں وہ بازی گر بے احتیاطی سے چلنے لگتا ہے۔ اب اسے گرنے کی پروا نہیں ہوتی۔ پروا ہوتی ہے تو بس اتنی کہ لوگوں کے خواب سلامت رہ سکیں۔ رسی پر چلنے کا سحر برقرار رہے۔ اور خواب تبھی زندہ رہ سکیں گے جب بازی گر کسی دن زمین پر آ گرے۔ اس کے جسم سے لہو نکلے اور چیخ چیخ کر لوگوں کو بتائے کہ یہ فن کتنا مشکل ہے۔ پھر بہت سے عقیدت مند ہاتھ اسے اسٹریچر پر اٹھا لے جائیں گے۔ بازی گر کا عہد ختم ہوا پر اس کے خون سے اب نئے بازی گر پیدا ہوں گے۔ وہ جو گھنی تنہائیوں میں خود سے وعدہ کریں گے۔
	’’ہم اس ناممکن کو ممکن کر دکھائیں گے۔ ہم ثابت کر دیں گے کہ انسان بہت طاقتور ہے۔‘‘لیکن یہ بات تو ہمارا بازی گر بہت پہلے سمجھ چکا تھا۔ یہ تو بس ایک انکار تھا کہ ’’میں اب ان خوابوں کا بوجھ اور نہیں اٹھا سکتا۔ چلو میں انہیں واپس تمہی میں بانٹ دوں اور سکون سے سو جاؤں۔‘‘
٭٭٭

راز

	موت اور زندگی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ان دونوں انتہاؤں کے بیچ ایک گہرا بادل ہے۔ایک ایسا افسوں جس نے کائنات کو گھیر رکھا ہے اور خون کی طرح معاشرے کی رگوں میں بہتا ہے۔وہ ایسا چھلاوا ہے جو لمحہ، ہر کہیں ہوتا ہے۔۔۔۔۔ایسا بہروپیا جو ہر شئے میں ڈھل جاتا ہے،ہر چہرے میں اتر جاتا ہے۔
	کیسے کروں اتنی مختلف روحوں کے درد کی پہچان؟کتنا مشکل ہو گا قتل ہوتے ہوئے قاتل کی مجبوریوں کا وجدان؟ساری دنیا گھومنے کے بعدکسی اندھی آنکھ کی محرومیوں کا احساس،ایک دھتکاری ہوئی ذلت آمیز زندگی میں حفظِ مراتب کا پاس۔شہد کی مکھی کی چھوٹی سی زندگی ’’کارکن‘‘،’’ملکہ‘‘ اور ’’نکھٹو‘‘ کی حیاتِ بیکراں کو نہیں پا سکتی۔کوئی کیسے سمجھ سکتا ہے اس لمحۂ وصال کی کہانی جس میں نکھٹو کو بھسم ہو جانا ہے اور ملکہ کو یہ کرب  لئے ابھی برس ہا برس جینا ہے؟ ایک ہی ساعت میں زندگی و موت کا وجدان کون کرے؟
	میرے پاس ان سوالوں کے جواب نہیں ہیں۔میرے پاس تو کچھ بھی نہیں ہے۔۔۔۔بس دل میں جلتی ہوئی ایک آگ ہے جو بجھنا نہیں جانتی۔میرے پاس ہے تو بس ایک زندگی جس کے ساغر میں لاحاصل، لاینحل،لامحدود جیسے کتنے بھی دریا پھینک ڈالو۔۔۔۔سیراب ہی نہیں ہوتی۔
	میں جانتا ہوں کہ اس کا جواب ہے۔ یہیں کہیں ہے مگر کیا کروں کہ مجھے جینے کوبس ایک چھوٹی سی زندگی ملی ہے۔میں اپنے جوابوں کے  لئے ساری دنیا تو نہیں گھوم سکتا۔۔۔۔۔میں ساری دنیا نہیں گھوم سکتا پران کوچوں سے جڑی داستانیں تو سن سکتا ہوں۔کسی کارواں سرائے کے صحن میں،کسی بجھتے ہوئے الاؤ کے گرد بیٹھ کر۔۔۔۔۔صحرا نوردوں کی آپ بیتیاں،دشت دشت گھومنے والے آبلہ پاؤں کی سسکیاں،ماضی کے دھندلکوں میں چھپے جہاز رانوں کی مہمات۔
	اور پھر شاید ان بکھرے ہوئے ٹکڑوں سے میں وہ شاہکار بنا لوں جس کا اسرار میرے انکار کو خاموش کر سکے،ماں کے پہلو کی طرح جس کی آغوش میں میرے سب غم گہری نیند سو جائیں۔۔۔۔اور میں اس ساحر کوکھو ج پاؤں۔
	مگر یہ اتنا اسان نہیں ہو گا۔میں جانتا ہوں کہ یہ اتنا آسان نہیں ہو گا۔ یہ کائنات کا سب سے بڑا را ز ہے اور اس اسرار کو بڑے التزام سے کہیں چھپا دیا گیا ہے۔مجھے اس کی تلاش میں کائنات کی حدوں تک جانا ہے۔ دوڑتے وقت کے بیچ چھپ کر بیٹھے کسی برفاب لمحے کو کھوجنا ہو گا۔ برفاب لمحہ جہاں آپ زندگی کواس کی اصل صورت میں دیکھ سکو۔
	میں جانتا ہوں کہ یہ سعیِ لاحاصل ہے۔میں جانتا ہوں کہ جب میں اس تلاش سے لوٹوں گا تو میرا سب کچھ بدل گیا ہو گا مگر۔۔۔۔۔میں چاہتا تو زندگی پہلے کی طرح رواں رہ سکتی تھی۔کروڑوں لوگوں کے قافلے میں اگر ایک مسافر کا سوال تشنہ بھی رہ جاتا تو کیا حرج تھا۔مجھے بھلا کرنا ہی کیا تھا؟ مجھے تو بس مان لینا تھا۔جیسے سورج طلوع ہونے پر ہم صبح کو جان لیتے ہیں۔میرا سوال بھی اتنا ہی آسان، اتنا ہی Obvious تھا۔ پر ایک انکار جو منہ زور ہواؤں کی طرح میرے جسم کے د رو دیوار میں دوڑتا پھرتا تھا۔
	اور اس انکار کی کوئی منطق نہیں ہوتی۔سرد موسم شروع ہوتے ہی سائیبریا کے پرندے گرم علاقوں کو نکل جاتے ہیں۔قافلہ در قافلہ،غول در غول۔۔۔۔۔وہ اپنی منزل کی طرف اڑے جاتے ہیں۔ایسے میں اگر کوئی پرندہ سفر پر آمادہ نہ ہو تو کوئی اس کا انتظار نہیں کرتا۔کوئی جاننا بھی چاہے تو سفر کا مقصد نہیں جان سکتا۔ایسے میں اگر کوئی ٹھہر جاتا ہے تو گرم موسم میں لوٹنے والے پرندے اپنے ماضی کے پتھر سے جسم سے برف کو پگھلتے ہوئے پاتے ہیں۔
	ہم میں سے ہر ایک نے زندگی میں ایسے پتھر دیکھے ہیں۔ہم انہیں دیکھ کر کفِ افسوس ملتے ہیں،ان ناکام زندگیوں کی حسرتوں کا ماتم کرتے ہیں مگر ایک بات ہم کبھی نہ جان پائیں گے۔۔۔۔وہ زندگی۔۔۔۔۔وہ مختصر سی زندگی جوان پیچھے رہ جانے والوں نے گذاری ہمیشہ ہمارے  لئے معمہ بنی رہی گی۔وہ زندگی ادھوری سہی،مختصر سہی،لایعنی سہی۔۔۔۔۔مگر ہمارے  لئے وہ ایک بہت بڑا سوال بن کر زندہ رہے گی۔
	میں بھی وہ پیچھے رہ جانے والا پرندہ ہوں۔جو اپنے انکار کی صد ا پر لبیک کہتا ہوا ٹھہر گیا ہے اور اب دور افق پر ابھرتے برف کے طوفان کو دیکھتا ہے اور اپنی شاخ سے چمٹ چمٹ جاتا ہے۔نہیں، میں خوفزدہ نہیں ہوں۔۔۔۔۔نہیں مجھے اپنے نگر سے بہت محبت بھی نہیں ہے۔۔۔۔۔ نہیں میں زندگی سے بھاگتا بھی نہیں ہوں۔کوئی مجھے نہیں سمجھ سکتا۔ مجھے سمجھنے کے لئے آپ کو بھی برف کے طوفان میں اترنا ہو گا۔کوئی عجب نہیں کہ گرم موسم سے لوٹنے والے پرندے میرے یخ بستہ جسم کے ساتھ آپ کا پتھر جسم بھی دیکھیں۔اس سوال میں چھپی لایعنیت بڑھتی جائے گی مگر۔۔۔۔۔
٭٭٭

تیرگی کا گھمنڈ

	روشنی کی اِک بوند ننھے جگنو کو ملتی ہے تو وہ بھی رات بھر اترائے پھرتا ہے۔ وہ جانتا ہے کہ ان مہیب اندھیروں سے مقابلہ ممکن نہیں۔ وہ جانتا ہے کہ اس کی ٹمٹماتی (شرمناک حد تک بے حقیقت روشنی کی بوند کا)اندھیرے پر کوئی اثر نہیں پڑنے والا۔
	پر پھر بھی وہ اٹھلاتا ہے۔ ہر آن محو رقص رہتا ہے۔ رات بھر جاگتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ کائنات کے آخری کونے تک اسی جنوں میں اڑتا پھرتا اگر وہ دور افق پر جگنوؤں کا اِک سیلاب ابھرتے نہ دیکھ لیتا۔
	یہی جگنو کی زندگی ہے۔ ربِ باری تعالیٰ نے اسے اجالا کرنے کو نہیں بنایا (اس کے  لئے تو اُسکے پاس سورج اور کہکشاؤں کے سے ایسے زورآور کارندے ہیں جو ’’اپنی مرضی‘‘ سے حکمِ الٰہی کی رسی میں لپٹتے چلے جاتے ہیں اور اس فرض سے کبھی کوتاہی نہیں کرتے)
	جگنو کی تخلیق تو شاید اس لئے کی گئی کہ وہ تیرگی کے بڑے بڑے دیوتا، اندھیرے کی تہہ در تہہ چٹانوں، پاتال گہرائیوں میں بسی تیرگی کا گھمنڈ توڑ سکے۔ کہ وہ ہر وجودِ باطل کو توڑتا چلا جائے یہاں تک کہ بے رحم پتھروں کے بیچ، گھنی جھاڑیوں سے ڈھکی، تنگ درزوں کو بھی رحمتِ الٰہی کے وجود پر یقین آ جائے۔
٭٭٭

موت ایک نہیں دو ہیں۔۔۔۔

	پتہ نہیں کبھی کبھی مجھے لگتا ہے جیسے موت ایک نہیں ہے۔موت دو ہیں۔جب موت کی پیدائش کا وقت آیا تو وقت کی کوکھ سے دو وجود نکلے۔دونوں جڑواں ہو کر بھی ایک دوسرے سے بہت مختلف تھے۔ایک کے اندر بہت سکون تھا جیسے کوئی ٹھنڈا گلیشئر ہو اور دوسرا پگھلتا ہوا لاوا۔ حق کی جانب سے جب ذمہ داری دینے کا وقت آیا تو سکون والے کو ذمہ داری دی گئی۔دوسرا جان تو گیا کہ وہ اس قابل نہیں ہے مگر تھا وہ لاڈلا تو اس نے ایک رعایت اپنے  لئے بھی مانگ لی۔
	’’مجھے وقت سے پہلے مارنے کا اختیار دے دو۔‘‘
	’’وقت سے پہلے کون مار سکتا ہے؟ ‘‘تبسم ہوا
	’’موت پیدا کرنے والا وقت جیسے نوخیز کی طرازیوں کا غلام نہیں ہو سکتا۔‘‘
	’’جاؤ تمہیں مہلت دی؟‘‘ایک الوہی مسکراہٹ کے جلو میں ایک نئے موت بانٹنے والے نے جنم لیا۔
	میں اس کے بارے میں زیادہ نہیں جانتا پر مجھے لگتا ہے کہ وہ نیچرل موت کو کبھی پسند نہیں کرتا ہو گا۔وہ یقین چاہتا ہو گا کہ لوگوں کو اس وقت سے بہت پہلے پکڑ سکے۔تو وہ مختلف طریقے استعمال کرتا ہے۔کبھی سونامی آتے ہیں اور ایک ہی لمحے میں لاکھوں لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں اور کبھی وہ ایک موٹرسایکل سوارکے دل میں پنپنے والی بیکار خواہش بن جاتا ہے کہ کیوں نہ اس موٹرسائیکل کو ایک پہیے پر دوڑایا جائے۔وہ ہر گھڑی آپ کو پھانسنے کی کوشش کرتا ہے اور ایسے بازی گر سے بچ نکلنا اپنے آپ میں ایک معجزہ ہے۔تو مجھے کہنے دیں کہ بوڑھی عمر تک پہنچ جانا ایک بہت بڑی achievement ہے۔میں تو سمجھتا ہو ں کہ اسے ہی انسانیت کا سب سے اہم مقصد قرار دے دینا چاہیے۔جیسے کہ آپ کسی بچے سے پوچھتے ہو کہ وہ بڑا ہو کر کیا بننا چاہتا ہے تو اسے بلا جھجک کہ ڈالنا چاہیے کہ وہ بوڑھا ہونا چاہتا ہے اور باقی کی سب چیزیں بیچ میں ہی آ جائیں گی۔
	پہلی چیز یہی ہے کہ surviveکیا جائے۔وقت حاصل کیا جائے۔لیکن ہم انسانوں کو تو idealsسے جنون کی حد تک لگاؤ ہے اور نہ جانتے ہوئے شاید ہم ہمیشہ حقیقت کی طاقت کو جھٹلاتے چلے آئے ہیں۔ہمارے  لئے زیادہ اہم ہے کہ ہم ایک بھرپور وقت گذاریں نہ کہ صرف وقت گذاریں۔اہم یہ ہے کہ کسی مقصد کے لئے زندگی گذاری جائے نہ کہ صرف زندہ رہا جائے۔میں نہیں جانتا کہ ان تصورات نے وہ سب کچھ حاصل کرنے میں ہماری کتنی مدد کی ہے جو اس ا نسانیت نے اب تک حاصل کیا ہے۔کیونکہ میرے  لئے over-achievementبھی اتنی ہی patheticہے جتنی کہ under-achievement۔جیسے کہ ایک امیر آدمی اپنے کمائے گئے پہلے ملین کے ساتھ کیا کیا نہیں کر پائے گا۔اور اب سوچیں کہ جب وہ پہلی بار billionaire بنے گا تو کیا کرے گا۔نو سو ننانوے ملین سے بلین ہونا اگر چہ مقدار میں اتنی ہی رقم ہے جتنی پہلی ملین کے وقت تھی لیکن اب ایک بھی ایسی چیز نہیں ہو گی جو اسے یہ ملین لا کر دے سکے۔شاید واحد چیز یہی ہو گی کہ اس کا نام امراء  کی اس فہرست میں آ جائے گا جو بلین اپنے پاس رکھتے ہیں۔مگر کیا یہ کافی ہے؟وہ پیسے کماتا ہی کیوں ہے اگر پیسہ اس کی ضروریات اب پوری کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا؟وقت کے ساتھ کہیں رستے کی بھول بھلیوں کے بیچ اس نے راستے کو ہی منزل سمجھ لیا اور پھر اس خودساختہ منزل سے اتنا جنون کی حد تک منسلک ہوا کہ اس کی پوری زندگی ہی اپنا مطلب کھو بیٹھی۔تو یہ مقاصد اچھی چیز ہوتے ہیں ا س وقت تک جب تک یہ آپ کو زندہ رہنے میں مدد دیں اور آپ کی آنے والی نسلیں پھل پھول سکیں۔۔۔۔۔لیکن زندگی سے بعید مقاصد کے لئے چیزیں کئے جانا مہمل سی بات ہے۔آرٹ محض آرٹ کے  لئے ایک منافقانہ دلیل ہے۔ہر چیز زندگی کے  لئے ہے اور یہی اصل کہانی ہے۔
	میں مانتا ہوں کہ ہو سکتا ہے کہ یہاں میں بہت قائل کر دینے والی بات نہیں کر پا رہا ہوں۔ہو سکتا ہے کہ لوگ میری اس دلیل سے اتفاق نہ کریں کہ زندگی کا اصل مقصد بوڑھا ہونا ہے۔میں ابھی سے دیکھ سکتاہوں کہ میرے قارئین کی آنکھوں میں بے اعتمادی ہے اور انکے سر بڑی بے چینی سے’’ نہیں ‘‘ کے لئے ہل رہے ہیں۔وہ کہہ رہے ہیں ’’ا س آدمی نے ساری زندگی دلیل کی تلوار گھمائی ہے اور اب یہ اپنی ہی دلیل کا قیدی بن چکا ہے۔۔۔۔۔جو تلوار سے جیتا ہے وہ تلوار سے مرے گا۔۔۔۔۔۔ہر دلیل اصل میں ایک trap ہوتی ہے اور یہ شخص جو ساری زندگی یہ جال بناتا رہا اور انہیں مکمل کرنے کے لئے جاتا رہا اب ایسی دلیل تخلیق کر چکا ہے جس سے یہ خود ہی نہیں نکل پائے گا۔‘‘شاید کچھ لوگ ایک منٹ کے لئے خاموشی اختیار کریں اور ہیٹ اتار کر مجھ پر افسوس کریں اور یاد کریں کہ کیسے ایک شخص شہیدِ دلیل ہو گیا۔
٭٭٭

 The Breakdown

	یہ سب بڑی چھوٹی چھوٹی چیزوں سے شروع ہوا۔چیزیں جنہیں آپ آسانی سے نظرانداز کر سکتے ہو اور کبھی اچھے موڈ میں ہو تو ان پر جی کھول کر ہنس بھی سکتے ہو۔جیسے کہ اس دن میں نے سبزی فروش کو مردہ مولیاں بیچتے دیکھا۔یہاں میں گلی سڑی کی بات نہیں کر رہا ہوں کیونکہ ان میں بھی ایک قسم کی زندگی ہوتی ہے۔اس زندگی کو آپ محسوس کر سکتے ہو اور اگر آپ کا تخیل طاقتور ہے تو دیکھ بھی سکتے ہو۔ مگر وہ تو پتھروں کی طرح مردہ تھیں (اور کچھ پتھر بھی تو ایسے ہوتے ہیں جن میں زندگی کی علامات مل سکتی ہیں )۔آپ جتنی چاہے کوشش کرو،خود کو یقین نہیں دلا سکتے کہ یہ مولیاں ہی ہیں۔اگرچہ یہ ان جیسی نظر آتی ہیں۔مگر ان میں ایک سرد پن،ایک جامد پن سا ہے۔مجھے لگ رہا ہے کہ شاید میں خود کو صحیح سمجھا نہ سکوں۔پر سمجھا سکنے کا دعوی میں نے کیا ہی کب تھا؟
	سو ایک مسئلہ تھا کہ میں غیر منطقی چیزیں دیکھتا تھا۔میں علت و معلول کے قانون کو ٹوٹتے دیکھتا تھا۔اور یہ اتنی بار ہوتا کہ میرا اعتبار ہر چیز سے اٹھتا چلا جا رہا تھا۔اگر آپ مجھے کچھ عرصہ پہلے ملے ہوتے تو بہت مختلف پاتے۔میں کبھی بھی معجزوں،جادو اور ارواح جیسی چیزوں پر یقین کرنے والا نہیں رہا۔میری تربیت سائنسی اور منطقی انداز میں ہوئی ہے۔ایسا نہیں تھا کہ میں انہیں ناممکن سمجھتا تھا۔بس کچھ یوں تھا کہ یہ سب میرے  لئے بے پنا ہ غیر اہم تھیں۔ایک سائنسی انداز میں تخلیق کی ہوئی کائنات میں مجھے ان کی کوئی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوتی تھی۔خدا ہے اور ہر شئے کے خالق کی حیثیت سے اس کا وجود تسلیم کئے بنا کوئی چارہ نہیں ہے مگر کتنا غیر خدائی طرز عمل ہو گا اس کا کہ وہ ہمیں متاثر کرنے یا جھنجھلاہٹ میں مبتلا کرنے کو ایسے شعبدے کرتا پھرے۔اور یوں زندگیوں کو اور قابل رحم بنا دے۔
	پر یہی تو اس قصے کا سب سے مضحکہ خیز حصہ ہے۔آپ گہرے تفکر کے بعد معلوم کرتے ہو کہ کوئی شئے کتنی ناممکن ہے اور پھر آپ کی آنکھوں کے سامنے وہ بڑے عام سے حالات میں وقوع پذیر ہو جاتی ہے۔آغاز میں،میں نے انہیں نظر انداز کرنے کا طریقہ اپنایا۔یہ میرے  لئے ایسی ہی تھیں جیسے کسی شاہکار تصویر میں چند لا پرواہ چھوٹے چھوٹے سے برش سٹروک۔جب آپ تصویر کو بحیثیت مجموعی دیکھتے ہو تو ہمیشہ ان سے نا آشنا رہتے ہو اور انہیں پاتے ہو تو صرف خورد بینی انداز میں ڈھونڈنے پر۔یہ ایک حقیقت ہے کہ تصویر میں چھوٹے چھوٹے سے جھول موجود ہیں پر ہم انہیں اک شاہکار کی ستائش میں نظر انداز کر دیتے ہیں۔پر اس سے بھی بڑی حقیقت یہ ہے کہ تصویر خورد بینی مطالعہ کے لئے بنی ہی کہاں ہے؟تو چھوٹے موٹے عجیب واقعات کے ساتھ میں ایسے ہی نمٹتا رہا۔
	کچھ دیر تو سب اچھا رہا مگر پھر ان واقعات کی تعداد اور شدت میں اضافہ ہونے لگا۔اور آخر میں سب سے خوفناک بات ہوئی کہ میں انہیں ٹھیک کرنے کو نکل کھڑا ہوا۔اب یہ کوئی آسان کام نہیں تھا۔گو دکھتا ضرور آسان ہے کہ بھلا کوشش کرنے میں کیا حرج ہے؟پر ان فطری مظاہر میں ایک طرح کی زندگی ہے۔اور میں یہاں ڈل نباتاتی زندگی کی بات نہیں کر رہا ہوں۔نہیں جناب!!!،میں با شعور زندگی کی بات کر رہا ہوں۔آپ ان کی مدافعت کو محسوس کر سکتے ہو جب بھی کوئی تبدیلی ان کا رخ کرتی ہے۔یہ منجمد ہو جائیں گے،خود کو معصوم اور بے ضرر شبیہوں میں چھپا لیں گے۔حتی کہ ان کی شدت بھی کم ہو جائے گی اور پھر جب یہ ہمیں بے خبری میں پائیں گے تو پہلے سے بھی خوفناک طاقت سے اپنی گھات سے نکل آئیں گے۔اب کے حملہ اتنا سخت ہو گا کہ آپ کی ساری زندگی الٹ پلٹ ہو جائے گی۔اگر ایک دفعہ یہ شروع ہو جائے تو پھر واپسی کا کوئی راستہ نہیں رہتا۔
	میں جانتا ہوں۔میں سب جانتا ہوں کہ یہ خوف ہماری جبلت،ہمارے شعور میں چھپا ہے۔لیکن میں سب کچھ داؤ پر لگا رہا ہوں کیونکہ میں اس انجانے وجود کی دیوانہ وار صداؤں سے اکتا گیا ہوں۔اب چاہے کچھ بھی ہو جائے میں اپنا دروازہ کھول رہا ہوں اور اپنی سوچ اور حواس کی مدھم روشنی میں ہی اس درندے کو تلاش کر کے رہوں گا جس کی چیخوں نے میری نیندوں کو اڑا رکھا ہے۔
٭٭٭

سر پہ رکھا بوجھ

	تو اپنے پیا کی کھوج میں نکلی تو فاصلوں میں ڈر بیٹھ گیا۔ تیرے دو قدموں کے بیچ اتنی زمیں سمٹی کہ زقند بھرتے عربی گھوڑے دنوں میں طے کرتے کیا کرتے تھے۔ اس سے پہلے کہ زمین کی مسافتیں چھوٹی پڑ جاتیں تو نے اِک موڑ پر اس عیار بڑھیا کو پایا جو ازل سے مسافروں کو بھٹکاتی رہی ہے۔ اس نے کمزور،کانپتی ہوئی آواز میں تجھے روکا۔ سر پہ ہاتھ پھیرا، ماتھے کو چوما اور ایک بلوریں مٹکا تیرے ہاتھ میں دے دیا یہ کہتے ہوئے کہ
	’’اپنے پیا کے پاس کیا خالی ہاتھ جاؤ گی؟ میں نے اپنے لڑکپن میں پہاڑوں کی ڈھلانوں پر اگے سرخ انگوروں سے خود یہ شراب کشید کی تھی اور اب برسوں کے انتظار نے اسے اس قابل بنا دیا ہے کہ تم یہ تحفہ اپنے محبوب کو دے پاؤ۔‘‘
	تو نے مٹکا اٹھایا اور راستے بارہ چودہ سال کے لڑکوں کی طرح جست لگا کر لمبے ہو گئے۔۔۔۔۔۔۔ ایسے کہ پہچانے نہ جاتے تھے۔ ایسے کہ رات رات بھر سفر کرو تو صبح اپنے پچھلے پڑاؤ کی راکھ تک نظر آتی تھی۔ تو چلتی رہی۔ پتھروں پر چل کر پاؤں لہولہان ہو گئے، مٹکا اٹھا کر ہاتھوں میں چھالے پڑ گئے، پیاس سے جل جل کر ہونٹ درخت کی چھال ہو گئے پر راستہ تھا کہ کٹتا نہ تھا۔
٭٭٭

وہ پھر ایک سرد اور مفید مشین میں ڈھل گیا۔۔۔۔۔

	’’بس ایک منٹ اور۔۔۔میں اس آخری مریض کو دیکھ لوں۔‘‘ڈاکٹر نے سامنے کھڑے مریض کو اپنی طرف آنے کا اشارہ کیا اور اس کا چہرہ یکلخت چمک اٹھا۔ڈاکٹر کی انگلی کے ایک اشارے نے اسے ہزار اندیشوں سے نجات دلا دی تھی۔اب اسے اپنے کام سے ایک اور دن ناغہ نہیں کرنا پڑے گا۔وہ دس روپے جو ہسپتال آتے ہوئے کرائے میں اٹھ جاتے اور وہ تکلیف جس میں وہ رات بھر کراہتا رہتا۔۔۔ایسی سینکڑوں چیزیں اس کے ذہن میں گھوم رہی تھیں۔
	’’پر کیا یہ مجھے بھرپور توجہ دے پائیں گی (جیسے ایک ڈاکٹر کی بھرپور توجہ اسے میسر ہو سکتی تھی)۔۔۔۔۔یہ یقیناً جلدی میں ہوں گے۔دیکھو تو اس صاحب کے چہرے پر بیزاری بڑھتی جا رہی ہے۔اور اگر جلدی میں لکھا یہ نسخہ ایک دن کے کام،کرائے کے دس روپے اور ایک جاگتی رات سے بدرجہا برا ہوا تو پھر؟پھر کیا ہو گا؟خوشی کے بیکراں لمحے میں کچھ خوف بھی تھا۔
	لیکن اس کے پاس ایسی طاقت کہاں تھی کہ حالات کے دھارے کا رخ موڑ سکتا۔وہ تو ’’سطحِ دریا پر جبرِ دریا سے تیرتا تھا۔‘‘وہ بے پناہ تکلیف،بہت بیچارگی محسوس کر رہا تھا۔مگر عجیب بات ہے کہ نتیجہ ایک طاقت کی صورت نکلا۔۔۔۔۔ایک ماورائے انسانی طاقت،ایک الوہی تشفی کی صورت۔جب آپ جانتے ہو (یہ میں اس لمحے کی بات کر رہا ہوں جب آپ واقعی جانتے ہو)کہ اب کچھ بھی ممکن نہیں ہے۔۔۔۔۔تبھی آپ اپنے اندر ایک بے پناہ طاقت محسوس کرتے ہو۔جیسے گدھے کی پشت سے بہت بھاری بوجھ اٹھا لیا جائے تو وہ طمانیت سے ادھر ادھر گھاس چرنے لگتا ہے۔اور یہی فرق ہے زندگی میں اور مشینی حرکت میں۔ایک مشین کبھی تھکتی نہیں،کبھی احتجاج نہیں کرتی،کبھی سکون محسوس نہیں کرتی۔وہ بس کھڑی ہے اور ایک مضحکہ خیز حماقت سے بوجھ اٹھائے چلی جاتی ہے۔یہاں تک کہ اس کے بدن میں جمع ہوتی ہوئی پوٹنیشل تھکن اسے ہمیشہ کے لئے زمین پر گرا دے گی۔
	پتہ ہے سب سے بھاری بوجھ کون سا ہے؟انسانیت کے لئے سب سے بھاری بوجھ نامکمل ارادوں،ادھورے خوابوں کاہے۔ایسے میں جب ایک دن آپ کو پتہ چلتا ہے کہ یہ خواب تو ناممکن ٹھہرے۔۔۔۔۔یقین کے اس تھپیڑے کے ساتھ ساری تکلیف ہوا ہو جاتی ہے۔اب آپ پر لازم نہیں کہ آپ کوشش کرو،کوئی نہیں کہے گا کہ تکلیف اٹھاؤ،قربانیاں دینے کی احتیاج ختم ہوئی۔ اور دلچسپ پہلو یہ ہے کہ آپ اب بھی خواب دیکھ سکتے ہو۔لاکھوں رنگوں میں گندھے لازوال خواب،جنت کی خوشبوؤں میں رچے بے مثال خواب۔اور آپ ان سے جتنی دیر چاہو لطف اندوز ہو سکتے ہو۔جیسے کبھی آپ بھاگنا شروع کر دو۔فارسٹ گمپ کی طرح بنا کسی مقصد، بغیر کسی احساسِ منزل کے۔جیسے آپ کے سامنے وقت کی بندشیں نہ ہوں۔وزن میں کمی سی کم مایہ خواہشیں نہ ہوں۔۔۔۔۔۔صرف بھاگتے رہو بھاگتے رہنے کے لئے۔صرف خواب دیکھو خواب دیکھنے کے لئے۔
	لیکن یہ ان چند لمحوں کا قصہ ہے جب اس نے خود کو پھر سے انسان محسوس کیا تھا (طاقتور،پر امید،پر جوش۔۔۔۔۔۔ایک بیکراں مجبوریت میں بھی با اختیار)۔۔۔۔۔۔کاش وہ ان لمحات کو روک سکتا۔اگر اس کے بس میں ہوتا تو وہ باہر جاتی ماں کے پہلو سے لپٹے بچوں کی طرح ان سے چمٹ جاتا۔تشنہ خوابوں کے بوجھ کو ہمیشہ کے لئے اتار پھینکتا۔لیکن یہ تو بس ایک لمحے کے لئے تھا (لازوال آزادی ہمارا نصیب کہاں ہے؟)۔۔۔۔۔اگلی چیز جو اس نے محسوس کی وہ ایک سفید پرچی تھی۔وہ پڑھ نہیں سکتا تھا مگر جانتا تھا کہ اسے میڈیکل سٹو ر پر جانا ہو گا۔دکان والے سے دوا خریدنے کے بعد استعمال کے متعلق پوچھنا ہو گا (اب ڈاکٹر ایسی ہستی کو تو وہ ان چھوٹی چھوٹی وضاحتوں کے لئے تنگ کرنے سے رہا)۔اسے گھر پہنچ کر دودھ کے آخری گلاس کے ساتھ کھانا ہو گا (سب کو شام کی چائے سے محروم ہونا پڑے گا)اور پھر شاید اگلے دن وہ کام پر جا سکے۔
	ان نشہ آور لمحوں کے بعد جن میں وہ ایک بے وزن پر کی طرح ہوا میں تیرتا رہا،وہ پھر ایک سرد اور مفید مشین میں ڈھل گیا۔مشین جس کا ایک مقصد تھا۔اسے اب پھر سے ایک خاندان کی پرورش کرنا تھی،ایک عمارت بنانا تھی،ایک بیوی سے محبت کرنا تھا،وقت کاٹنا تھا،ایک خواب کی تکمیل کرنا تھی۔۔۔۔۔وہ پھر سے ایک مشین میں ڈھل گیا تھا۔ایک مشین جو سانس لیتی تھی،سوچ سکتی تھی،خواب دیکھتی تھی،ہر وہ کام کرتی تھی جو کوئی انسان کر سکتا ہے۔مگر پھر بھی وہ ایک مشین ہی تھی۔اور آپ اس طرح انسانوں کو پہچان نہیں سکتے۔یہ چیزیں جیسے خواب دیکھنا انسانوں کے بیچ رہنے کا کوئی اجازت نامہ نہیں ہوتیں۔
٭٭٭

میں نے محبت کو بہتے دیکھا ہے

	میں نے محبت کو بہتے دیکھا ہے۔۔۔۔۔ کچھ ایسے کہ مجھے اس کے ہونے کا یقین آ گیا۔
	محبت ہمارے بیچ بہتی تھی جب میں دبے پاؤں کمرے میں داخل ہوتا اور سانس بھی آہستگی سے لیتا تاکہ تمہاری نیند خراب نہ ہو اور تب بھی جب میں پانی کا پورا ٹھنڈا گلاس پھینک کر تمہیں اٹھا دیتا اور تم ہاتھ نچا نچا کر مجھ سے لڑتی تھی۔
	محبت ہمارے بیچ بہتی تھی جب تمہارے جلے ہوئے پراٹھے کو میں مزے لے لے کر کھاتا تھا اور تب بھی جب مہنگی سٹیک ہمارے سامنے رکھی ٹھنڈی ہوتی رہتی اور ہم دونوں ایک دوسرے کے سامنے بیٹھے خلاؤں میں گھورتے رہتے۔
	محبت ہمارے بیچ بہتی تھی جب ہائیکنگ ٹریک پر تمہارے پسینہ بھرے ہاتھوں نے مجھے نیچے کھائی میں گرنے سے بچایا اور تب بھی جب تم اپنا موبائل چھوڑ کر پوری شام شہر کی سڑکوں پہ بے مقصد گھومتی رہی صرف اس لئے کہ کچھ دیر کے لئے ہی تم مجھ سے چھٹکارا پا سکو۔
	کوئی فرق نہیں پڑتا کہ میں محبت پر کتنی کتابیں پڑھ ڈالتا، کتنے لوگوں کے تجربات سن لیتا، میں کچھ بھی کر ڈالتا مگر محبت میرے  لئے اجنبی ہی رہتی اگر میں نے ایک زندگی تمہارے ساتھ نہ گذاری ہوتی۔ میں آج جان گیا ہوں کہ محبت نہ تو قربت میں ہے اور  نہ جدائی میں، محبت نہ تو  آنسوؤں میں ہے اور نہ ہی قہقہوں میں، محبت نہ تو قربانی میں ہے اور نہ کسی لالچی بچی کی طرح دونوں ہاتھو ں سے سمیٹ لینے میں۔۔۔۔۔۔۔ محبت تو بس بہار کے پہلے جھونکے کی طرح خزاں رسیدہ چمن میں تیرتی پھرتی ہے کچھ اس طرح کہ اس کے دونوں ہاتھوں کی انگلیوں سے زندگی ٹپکتی ہے۔
	میں نے ہمارے بیچ محبت کو بہتے دیکھا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔ کچھ ایسے کہ مجھے اس کے ہونے کا یقین آ گیا ہے۔		٭٭٭


کیوں ہم رقص نہیں کرتے؟


	مور کے چند فٹ لمبے پر نکلتے ہیں تو وہ سارا وقت اٹھلائے ہوئے پھرتا ہے۔ جگنو کو روشنی کی اِک بوند ملتی ہے اور وہ شب بھر اتراتا ہے۔ بھونرا ایک بھینی سی خوشبو کے طواف میں پھول پھول منڈلاتا ہے۔
	اور ایک ہم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کہ جن کا دل کائنات کی سب سے خوبصورت حقیقت کا مستقر ہے بھلا کیوں ہمہ وقت محوِ رقص نہیں رہتے؟
٭٭٭

آخری موت

	تو پھر وہ کون تھا؟ وہ بھیانک چیخ کس کی تھی؟کوئی ایسا تھا جسے زندگی سے بہت پیار تھا۔ اتنا کہ اس کی چیخ سے میدانِ جنگ سہما جاتا تھا۔ اور لوگوں کا کیا ہے۔ لوگ تو روز مرتے ہیں۔مجھے یاد ہے وہ دن جب میں نے اپنا بھالا اس کسان کے دل میں اتار دیا تھا جس نے شہنشاہ کے ٹیکس سے انکار کیا تھا۔ وہ بیچارا ہتھیاروں کی زبان نہیں سمجھتا تھا۔وہ اس دن میرے سامنے انگارا آنکھوں کے ساتھ کھڑا تھا جب میرا بھالا اس کے سینے میں پیوست ہو گیا۔ اس نے بڑی حیرت سے مجھے دیکھا (جیسے وہ پہلی بار مر رہا ہو)اور پھر بڑی لاپرواہی سے دونوں ہاتھوں کی مدد سے بھالا نکالنے کی کوشش کرنے لگا۔ ایسے میں پہلی بار اس کے چہرے پر درد کے آثار ابھرے۔اس نے پہلی بار اپنے آپ کو اتنی حقیر شئے کے سامنے بے بس محسوس کیا۔اسے لگا جیسے اس کے ہاتھ وہ بھالا کبھی نہ کھینچ پائیں گے۔۔۔وہ ہاتھ جن سے اس نے جنگل کو صاف کر کر اپنے  لئے کھیت تیار کئے تھے، وہ ہاتھ جن سے ایک مرتبہ اس نے بھیڑیے کو چیر ڈالا تھا اور آج وہ اپنے سینے سے ایک بھالا نہیں نکال پا رہا تھا۔ اور اسی غم سے وہ مر گیا۔ وہ چیخا نہیں،کوئی فریاد نہیں کی،بس خاموشی سے زمین پر بیٹھ گیا۔اس کی آنکھوں سے ایک چھوٹا سا آنسو نکلا اور اس کا جسم لڑھک گیا۔ اس کے جسم کے گرد خون بکھرا تھا مگر میں اچھی طرح جانتا تھا کہ وہ بس اس لئے مر گیا کہ اپنے سینے سے بھالا نہ نکال سکا تھا۔
	اور یہ ہماری آخری ملاقات نہیں تھی۔میں نے اسے ایک بہت بڑی لڑائی کے بیچ دیکھا۔ وہ اب کسرتی جسم کا ایک پہلوان تھا اور بڑا سا گرز  لئے ہماری صفوں میں گھسا آتا تھا۔ وہ اب پہلے سا معصوم نہیں رہا تھا۔ وہ اچھی طرح جانتا تھا کہ اس کا گرز جس سر پر پڑے گا زندگی وہاں سے بھاگ بھاگ جائے گی۔ایسے میں جب میں نے اس کے پہلو میں تلوار گھونپ دی تو اس نے مجھے بے یقینی سے نہیں دیکھا۔تب تک وہ جان گیا تھا کہ جو ’’تلوار سے جیتا ہے وہ تلوار سے مرے گا‘‘۔اس نے مجھے ایسے دیکھا جیسے وہ مجھے جانتا ہو۔جیسے اسے میرا ہی انتظار ہو۔جیسے وہ بھاری گرز چلاتا تھک گیا ہو۔اور آج اس نے تلوار کو پہلو سے نکالنے کی کوشش نہیں کی۔ جیسے جانتا ہو کہ وہ پھر ناکام رہے گا اور پھر سے اس غم میں جان دے دے گا۔اس کے  لئے یہ آخری لمحات بہت قیمتی تھے وہ انہیں کسی لاحاصل کوشش میں ضائع نہیں کرنا چاہتا تھا۔تو وہ بس خاموشی سے زمین پر گر گیا اور اس کے ہونٹ کچھ بڑبڑانے لگے۔۔۔کوئی دعا جس میں وہ اپنے پروردگار کی بے پایاں نعمتوں کا شکر ادا کر دینا چاہتا ہو۔
	میں نے اسے بہت بار دیکھا۔کبھی دیوار سے لگے فائرنگ اسکواڈ کے سامنے،کبھی اس شہر کے بیچ اپنے بچوں سے کھیلتے ہوئے جہاں مجھے بم گرانا تھا،کبھی میدانِ جنگ کے اندھیروں میں خود کو کیمو فلاج کئے ہوئے۔۔۔اور میں نے ہر بار اسے مار ڈالا۔ وہ ایک مرتبہ بھی نہیں چیخا۔بس خامشی سے اپنی جگہ پر ڈھیر ہو جاتا۔اب تو اس کی آنکھوں سے ہر ناراضی بھی جا چکی تھی۔اب تو جیسے یہ ایک معمول بن گیا تھا۔ جیسے سورج نکل آنے پر اندھیرا بغیر احتجاج کئے کہیں چلا جاتا ہے،جیسے استاد کے آنے پر تمام طالبِ علم کھڑے ہو جاتے ہیں۔۔۔تو یہ اب میکانکی عمل بن گیا تھا۔
	تو پھر آج کیا ہوا تھا؟اگر وہ نہیں تھا تو پھر کون تھا جو اتنی شدت سے چیختا تھا؟کہیں ایسا تو نہیں کہ آج وہ واقعی مر گیا ہو؟اور اس کے ساتھ یہ جنگ ہمیشہ کے لئے ختم ہو گئی ہو۔جیسے اب مجھے کسی دوسرے کو مارنا نہ پڑے گا۔اور میں اعتراف کرتا ہوں کہ یہ احساس میرے  لئے کوئی بہت سکون آور نہیں تھا۔ایسا لگتا تھا کہ جیسے کسی نے زندگی سے سار ا مقصد،ساری خوبصورتی چھین لی ہو۔ جیسے اب باقی سفر ایک چٹیل میدان میں طے ہونا تھا جہاں نظر ٹھہرانے کو کوئی سبزہ،کوئی درخت،کوئی پہاڑ نہ ہو۔جہاں سورج کی شعاعیں آپ کے جسم میں گھستی چلی جائیں اور ہر ساعت آپ زمین میں چھپ جانا چاہو۔
٭٭٭

پروفیسر یاسمین

	وہ  ایک عملی انسان تھا۔ابھی پچھلے مہینے اس نے چند دوستوں کے ساتھ مل کر اپنی تصویروں کی کامیاب نمائش کی تھی۔وقتاً فوقتاً وہ مختلف اخبارات اور رسائل میں اپنی چھوٹی چھوٹی خبریں لگواتا رہتا۔’’لوگ بہت جلدی آپ کو بھول جاتے ہیں اس لئے انہیں یاد دلاتے رہنا پڑتا ہے۔‘‘ وہ ہمیشہ کہتا۔وہ ہر اس جگہ پہنچ جاتا جسے آرٹ سے دور کی بھی نسبت ہوتی۔وہ ایسا شخص تھا جسے آپ ہر نمائش پر بڑی سنجیدگی اور متانت سے تجزیے کرتے دیکھو گے،غزل نائیٹ پر وہ کسی سامنے کی صف میں بیٹھا سر ہلاتا ہو گا،ہر ادبی کانفرنس کا وہ لازمی جزو تھا اور اس کی یہی نہ ختم ہونے والی پیاس اسے پروفیسر یاسمین کے بستر تک بھی لے گئی۔۔۔۔۔کم از کم مشہور تو یہی تھا۔
	یہ پروفیسر یاسمین۔۔۔۔۔وہ بہرحال عورت تو تھیں پر ہر اس چارم کے بغیر جو ہم عام طور پر اس لفظ ’’عورت‘‘ سے وابستہ سمجھتے ہیں۔وہ ایک لمبی، مدقوق،چھوٹے بالوں اور بڑی بڑی آنکھوں والی خاتون تھیں۔۔۔۔چیزیں جو شاید ان صفحات پر قابلِ برداشت نظر آئیں۔مگر آپ صرف ایک مرتبہ انہیں دیکھ لیں تو زبان کے اظہار کی انتہائیں آپ پر واضح ہو جائیں گی۔وہ ایسی خاتون تھیں کہ اپنے سارے سنگھار کے ساتھ آپ کے سامنے سے گزر جاتیں اور آپ کے ذہن میں خیال تک نہ آتا کہ گھاس کے تنکے جیسی معمولی چیز سے نظر ہٹا کر انہیں دیکھ ہی لیا جائے۔اور ان کی آواز۔۔۔۔۔۔میں قرآن کو ماننے والا بڑا بنیاد پرست انسان ہوں اور مجھے اس کے ایک ایک لفظ پر یقین ہے لیکن میں کبھی سمجھ نہیں پایا کہ اس آیت ’’بے شک جانداروں میں سب سے بری آواز گدھے کی ہے۔‘‘ کا مطلب کیا ہے؟اور یہ شک یقیناً ہر اس ذہن میں پیدا ہوا ہو گاجس نے پروفیسر یاسمین کو بولتے سنا ہے۔بہرحال ہر دل اپنی تسلی کو کوئی نہ کوئی وضاحت تو سوچ لیتا ہو گاجیسے کہ یہ آیت محض علامتی ہے اور اس کی تہہ میں کوئی گہر ا راز چھپا ہے جس کا تعلق غالباً گدھے کی آواز کی فریکوینسی سے ہے۔یا پھر جیسے پروفیسر یاسمین اہلِ ایمان کے لئے کوئی کڑا امتحان ہوں۔
	خیر سب کچھ بھلایا جا سکتا تھا اگر وہ خوبصورت فنکارہ یا پھر کم از کم قابلِ برداشت استاد ہی ہوتیں۔مگر ان میں دلچسپ ہونے کا شائبہ تک نہ تھا، ان کے کام میں originality کی جھلک ڈھونڈنے والے کو کالج بھر میں ایسی نظروں سے دیکھا جاتا جیسے لوگ کبھی نیل آرمسٹرانگ کو دیکھتے ہوں گے اور تو اور وہ اپنے طالب علموں پر مہربان تک نہ تھی۔
	مگر تلخ سچائی یہی تھی کہ وہ یہاں موجود تھی اور ہر ایک کو اس کا مضمون پاس بھی کرنا تھا (جو اس کی سنکی طبیعت دیکھتے ہوئے آسان ہرگز نہیں تھا)۔۔۔۔۔سو ایک mile extra جو اسے برداشت کرنے کے لئے سب ہی چلتے تھے۔لیکن اس کے ساتھ سونا؟یہ ایک ایسا عمل تھا جو صرف وہ ہی کر سکتا تھا۔ٹرم پیپر میں اس نے بہت اچھے نمبر تو حاصل کر  لئے مگر پھر بھی۔۔۔۔۔۔وہ البتہ مطمئن تھا۔وہ ہمیشہ کہتا کہ جب دس سال میں میں مڑ کر دیکھوں گا تو صرف یہی نمبر سامنے ہوں گے۔کوئی سوال نہیں کرے گا کہ انہیں حاصل کیسے کیا گیا ہے۔خدا کرے کہ اس کی امید صحیح ہو وگرنہ دیکھا تو یہی گیا ہے کہ آپ دس سالوں کے بعد اپنی زندگی پر نظر ڈالتے ہو اور پروفیسر یاسمین کے ساتھ سونے ایسے کریہہ اقدام کے سوا کچھ بھی نہیں دیکھ پاتے۔باقی اتنا اندھیرا ہوتا ہے کہ آپ کو اپنا مستقبل بھی اس میں ڈوبتا نظر آتا ہے۔
٭٭٭

دھوکے کی دنیا میں خدا نہیں ملتا

	خدا کو اس کی کائنات سے سمجھا نہیں جا سکتا کہ کائنات تو ایک دھوکہ ہے۔ محبت، علم، قربانی۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آپ کیسے ہی عظیم زاویوں سے زندگی کو دیکھو مگر حق تک نہیں پہنچ سکتے۔ اور اس کائنات کا سب سے بڑا معجزہ یہی ہے کہ اسے جس بھی انداز سے دیکھو یہ منطقی ہی دکھائی دیتی ہے۔ اللہ کی یاد میں مشغول درویش سے کسی کٹر دہریے تک سب کو اپنی اپنی زندگی کی منطق سمجھ میں آتی ہے اور یہی اصل امتحان ہے۔ جب آپ سراب کو اپنے سرابی پیمانوں کے ساتھ ماپنے کی کوشش کرو گے تو ہمیشہ کامیاب ہی رہو گے۔ جیسے خواب نگر میں آپ سمندروں میں مچھلیوں کی سی سرعت سے تیر سکتے ہو اور پیالے میں رکھے پانی میں ڈوب جاتے ہو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور یہ سب صرف اس لئے کہ نہ صرف یہ دنیا، اس کی حقیقت دھوکہ ہے بلکہ اس میں رکھے پیمانے بھی دھوکہ ہیں۔
	آپ کے سامنے رکھی یہ کتاب دھوکہ ہے۔ اس کتاب کے لفظوں کی ایک ایک بوند کے  لئے نگر نگر مارا مارا پھرنے والا صاحبِ کتاب دھوکہ ہے اور شاید تم آج میری بات پر یقین نہ کرو مگراس وقت ان لفظوں پر نظریں گھماتے ‘‘تم’’ بھی دھوکہ ہو۔
	دھوکے کی دنیا میں خدا نہیں ملتا پر کس نے کہا کہ خدا کا ملنا مقصود بھی ہے؟ خدا تو اس کھیل کا انعام ہے اور کھلاڑی کیسا بھی اچھا کھیلیں مگر اختتام سے پہلے ٹرافی کسی کو نہیں دی جاتی۔
	ابھی کھیل ختم ہونے پر تالیاں بجانے والے میدان میں اتر آئیں گے۔ دل کو موہ لینے والی آوازوں میں گیت گائیں جائیں گے۔ ماہر رقاص تتلیوں کی مانند ہواؤں میں گھومتے پھریں گے۔ فاتحین کو زر و جواہر میں لاد دیا جائے گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مگر یہ سب تو انعام ہے جسے کھیل میں ڈھونڈنے کی تمنا عبث ہو گی۔
	کھیل تو پسینہ ہے۔ لہو ہے، مٹی میں لتھڑے ہوئے جسم ہیں، دھونکنی کی طرح چلتی سانسیں ہیں۔ یہاں ہر کھلاڑی کی نظر جیت پر ہوتی ہے۔ پر جیت کے خواب کھلاڑی کی آنکھوں کو ڈھانپ دیں تو وہ جیت سے ہمیشہ کے لئے دور ہو جاتا ہے۔ 
	تو امید میں گوندھ گوندھ کر ہمیں خدا کی تلاش کے خواب بنانا ہیں مگر ساتھ میں اس یقین سے رشتہ بھی نہیں توڑنا کہ ہم اسے اس زندگی میں کبھی نہ ڈھونڈ پائیں گے۔
٭٭٭

ہوا میں ٹھہری ہوئی موت

	نہیں۔۔۔میں اب اس مورچے میں بیٹھا نہیں رہ سکتا۔ مجھے جانا ہے اور دیکھ کر یقین کرنا ہے کہ میرا دشمن مر چکا ہے یا نہیں ؟میں اس میں پوشیدہ خطرات سے آگاہ تھا۔جیسے آپ کی گولی کھانے پر شیر کسی جھاڑی میں چلا جائے۔جھاڑی جس کے اندر خون کی ایک لکیر تو جاتی ہے مگر آپ پھر بھی کبھی نہ جان پاؤ گے کہ وہ واقعی مر گیا ہے۔ جب بیس سال بعد آپ اپنے پوتے کو اس بہادری کا قصہ سناؤ گے تو دل میں ایک چور بیٹھا ہو گا
	’’کیا خبر وہ شیر بچ نکلا ہو؟‘‘
	نہیں آپ ایسے واپس نہیں جا سکتے۔ اور جب زخمی شکار کے پیچھے آپ جھاڑیوں میں داخل ہوتے ہو تو کچھ بھی ممکن ہے۔۔۔ہو سکتا ہے کہ کہیں دبکا شیر آپ پر حملہ آور ہو جائے اور اپنے نوکیلے دانتوں سے آپ کی گردن کو ادھیڑ ڈالے۔ ایسے میں کچھ بھی ممکن ہے مگر آپ کیا کرو کہ واپسی کا کوئی راستہ نہیں ؟
	تو کیا خبر کہ میرا دشمن ابھی زندہ ہو اور یہ چیخ محض مجھے جال کی طرف دھکیلنے والا ہانکا ہو۔ مگر یہ بھی تو ممکن ہے کہ وہ بس مجھے بلا نا چاہتا ہو۔اس ہزاروں برس کی لڑائی کے خاتمے پر کچھ کہنا چاہتا ہو۔۔۔شاید یہ کہ اتنی بڑی لڑائی کے دوران مجھے تم سے محبت ہو گئی ہے۔ جیسے باڈر پر آنکھوں میں آنکھیں ڈالے فوجیوں کو ہو جاتی ہے۔ ایسے میں وہ ایک دوسرے کو چھوٹے چھوٹے تحائف دینے لگتے ہیں،ایک دوسرے کے بارے میں ایسی باتیں جاننے لگتے ہیں جنہیں جاننے کی ضرورت نہیں ہوتی۔جیسے کہ چٹھی آنے والے دن نوجوان کیپٹن کا چہرہ دمکنے لگتا ہے،جیسے کہ سارا دن بندوق پکڑ کر ڈیوٹی کرنے والا سپاہی رات کو محبت کے گیت گاتا ہے۔ تو کیا وہ چیخ محض ایک بلاوا تھی کہ
	’’میرے قریب آ جاؤ تاکہ میں اپنی محبت کا اظہار کر سکوں۔۔۔اس محبت کا جو میں ہزاروں برس سے اپنے جسم میں چھپائے بیٹھا تھا۔اور تمہاری لگائی ہر ضرب پر اسے زیادہ کینے سے چھپا لیتا تھا۔ تاکہ تم اسے دیکھ نہ پاؤ اور انجانے میں اپنی ہی محبت کا خون کرتے رہو۔۔۔۔۔تو تمام عمر میں اسے تم سے چھپاتا رہا ہوں مگر اب لڑائی ختم ہوئی۔ آؤ! اب تو اسے ایک نظر دیکھ لو۔‘‘
	نہیں میں اب مورچے میں دبکا نہیں رہ سکتاتھا۔ میں پھر سے اٹھا۔بہت سی آوازوں نے مجھے نیچے لیٹنے کو کہا مگر میں نے بندوق پھینک کر دشمن کی طرف بڑھنا شروع کر دیا۔ مجھے کوئی پیچھے سے کرخت آواز میں پکار رہا تھا کہ اگر میں نہ پلٹا تو مجھے گولیوں سے چھید دیا جائے گا اور سامنے والوں کو تو اس تنبیہ کی بھی ضرورت نہیں تھی۔ پر میں رکا نہیں۔ میں آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر اندھیرے میں دیکھنے کی کوشش کر رہا تھا۔ یقیناً ابھی کچھ فاصلے پر مجھے میرا دشمن نظر آ جائے گا۔ گولیاں میرے چاروں طرف سے گزر رہی تھیں۔اور پھر بڑی عجیب بات ہوئی۔
	ایک گولی ہوا میں ٹھہری تھی۔۔۔وہ ہوا میں ٹھہری تھی اور اس میں میرے پسینے کی خوشبو رچی تھی۔سینکڑوں گولیاں چل رہی تھیں مگر وہ کھڑی تھی جیسے میری منتظر ہو۔یہ وہی گولی تھی جو اس چیخ کے وقت میری بندوق سے نکلی تھی۔مجھے لگا جیسے حرکت کوئی دھوکہ ہو اور کوئی چیز کبھی نہ چلتی ہو۔ جیسے زمان و مکان بے حقیقت ہوں۔ جیسے ہر چیز چکر لگا کر واپس اپنی جگہ پر آ جاتی ہو۔
	’’جو تلوار سے جیتا ہے وہ تلوار سے مرے گا۔‘‘
	میں نے یہ جملہ ہزاروں مرتبہ سنا تھا مگر سمجھ نہ پایا تھا۔ کیا ہر ایک کو اپنی ہی گولی سے مرنا ہو گا؟ اپنی ہی تلوار سے کٹنا ہو گا؟ 
	تو جو ظلم میں نے دوسروں پر ڈھائے،وہ دشمن جسے میں نے اتنی بار مار ڈالا۔۔۔کیا میں اس سب میں بے قصور تھا؟کیا میں نے کوئی جرم نہیں کیا تھا؟ شاید یہ صحیح ہی تھا۔ گناہ گار اور بے گناہ ٹھہرانے کا اختیار مجھے تھا ہی کب؟میرا کوئی دشمن نہیں تھا کہ دشمن ٹھہرانے کا انتخاب میرے پاس تھا ہی کب؟مجھے تو ایک فہرست دے دی جاتی تھی۔جس میں ایسے لوگ تھے مجھے جن سے محبت کرنا تھی، ایسے لوگ تھے مجھے جن کی عزت کرنا تھی، ایسے لوگ تھے مجھے جن کو قتل کرنا تھا۔۔۔۔ایسے میں سزا کیسی؟
	تو مجھے کوئی سزانہیں مل رہی تھی۔پھر اپنی گولی سے مرنا بھلا کیسی سزا؟یہ تو ایک بددعا ہے جو نوعِ انسانی پر لاد دی گئی ہے۔
	میں اس کے بعد آگے نہیں چلا۔جا بھی کہاں سکتا تھا؟گولی سے تیز کون بھاگ سکتا ہے؟لیکن ہر گولی کی ایک حد ہوتی ہے۔ اس کے بعد وہ تھک کر گر جاتی ہے۔ اور میں اس حد میں آ گیا تھا۔ اتنی بڑی دنیا اور ہم اس دو میل کے دائرے میں مرنے کے لئے آ جاتے ہیں۔ اب راہِ فرار کا خواب کیسا؟
	میرے ٹھہرنے کے ساتھ ہی گولی میرے جسم میں در آئی اور میں کٹے ہوئے تنے کی طرح زمین پر آ گرا۔ میرے ہونٹ ایک دوسرے میں پیوست تھے۔ مجھے چیخنے کی ضرورت نہیں تھی کہ وہ چیخ تو میں بہت دیر پہلے مار چکا تھا۔ میں اب میدانِ جنگ سے رخصت ہوا چاہتا تھا کہ ایسے میں میں نے نظر اٹھا کر دیکھا۔مجھے یوں لگا جیسے میری آنکھوں کے سامنے سے سارے اندھیرے چھٹ گئے ہوں۔میں نے سینکڑوں لوگوں کو چوہوں کی طرح دبکے دیکھا (جہاں میں تن کر کھڑا تھا) اور میں ہنس پڑا۔نیلے آسماں کے تلے گہری سبز گھاس پر رنگ و نور کا ایک کھیل چل رہا تھا اور یہ سب بہت خوبصورت تھا۔ ایسے میں مجھے ایک آواز سنائی دی۔ کوئی اپنے ساتھی سے سرگوشی کر رہا تھا
	’’خدا کی قسم میں نے اس سپاہی کی روح کو دیکھا ہے۔وہ اپنے گٹھڑی بنے جسم کے پاس بڑے اطمینان سے کھڑی تھی‘‘۔
٭٭٭

عجیب مہمان

	میں جب چھوٹا تھا تو مجھے بتایا گیا کہ اچھے لوگوں کی روح قبض کرنے کے لئے نورانی فرشتے آسمان سے اترتے ہیں اور بری روحوں کے لئے کالے اور خوفناک ہرکارے آتے ہیں جو آگ کے ہنٹر برساتے ہوئے روحوں کو دھکیل کر دوزخ میں پھینک دیتے ہیں۔البتہ میں ان سے کبھی خوفزدہ نہیں ہوا تھا۔پھر خوفزدہ ہوتا بھی کیوں جب میں سمجھتا تھا کہ میں صحیح رستے کو اتنی اچھی طرح سے جانتا ہوں تو پھر بھٹکنے کا کیا سوال۔میں یقیناً ایک نیک انسان کی زندگی گذاروں گا اور فرشتے میرا استقبال کریں گے۔یہاں مجھے کبھی کبھار حیرت ہوتی کہ آخر کیوں یہ بڑے لوگ سیدھے رستے پر نہیں چل سکتے۔کتنا آسان لگتا تھا اس وقت سب کچھ۔
	گو ا س زندگی میں سب اچھا نہیں تھا۔مجھے پڑھائی سے جی چرانے کی عادت تھی،سکول میں کسی کے بستے سے پینسل وغیرہ چرا لینا میرے  لئے عام سی بات تھی،میں جھوٹ بولتا تھا،ماں کے منع کرنے کے باوجود رات دیر تک بستر میں دبک کر ناول پڑھتا تھا،صحت مند چیزوں کی بجائے گندی فضول چیزیں کھاتا تھا۔تو میں ہر وہ برائی کر گزرتا تھا جو اس عمر میں ممکن ہو سکتی ہے مگر پھر بھی۔۔۔۔۔۔پھر بھی پتہ نہیں کیوں مجھے لگتا تھا جیسے میں سیدھے راستے پر چل سکوں گا۔جو بچہ باوجود کوشش کے اپنے کورس کی کتاب پر توجہ مرکوز نہ کر سکے وہ سمجھتا تھا کہ وہ آئین سٹائین سے آگے جا سکتا ہے۔
	پھر میں بڑا ہوتا گیا۔ زیادہ میچور ہو گیا۔اب میں پہلے سے بہت بہتر تھا۔نہ ہی جھوٹ بولتا تھا اور نہ ہی دیر تک جاگتا تھا۔چوری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔قانون کی پاسداری میری زندگی کا حصہ تھی۔میں اب پہلے سے بہت بہتر تھا پر مجھے اب اس ہنٹر والے اندھیرے ہرکارے سے خوف آتا تھا۔پتہ نہیں کیوں مجھے لگنے لگتا تھا جیسے میں کبھی بھی اس نورانی فرشتوں کے ہجوم کو نہیں دیکھ سکوں گا۔پتہ نہیں کیوں ؟بچپن کی کی ہوئی چھوٹی چھوٹی چوریاں مجھے ڈراتی تھیں۔پھر وہ وقت بھی آیا جب میں ہر امید چھوڑ گیا۔میرے ہر طرف تاریکی پھیل گئی اور یہ تاریکی اتنی گہری ہو گئی۔۔۔۔۔اتنی گہری کہ ایسے میں نورانی فرشتہ بھی اگر آتا تو مجھے سیاہ ہرکارہ ہی دکھائی دیتا۔ا۔اس کے محبت سے اٹھے ہاتھ میرے جسم پر سانپوں کی طرح رینگتے محسوس ہوتے۔
	گو میں نے اس تاریکی کو ختم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدام کیا۔میں علم کی شمع ڈھونڈنے ہر نگر گیا۔میں نے بہت سے لوگوں سے گفتگو کی۔ہر گفتگو کے ساتھ میرے اردگرد اندھیرا بڑھتا رہا۔ ایسا لگا جیسے سب روشنی کے چور ہوں اور مجھ سے میری روشنی چھین رہے ہوں۔پر یہ احساس مجھے بہت بعد میں ہوا کہ روشنی تو بس میرے اندر تھی۔میری طلب،میری جستجو،میری امید کی روشنی۔ وہ جیسے جیسے کم ہوتی گئی میرے اردگرد کی دنیا بھی دھندلاتی گئی۔
	یہ احساس مجھے ہو گیا مگر اس وقت جب میں اپنے اندر امید پیدا کرنے کا طریقہ بھول گیا۔میں جانتا تھا کہ اندھیرا امید سے ختم ہو گا پر امید کیسے پیدا کروں میں نہیں جانتا تھا۔وقت گزرتا گیا اور زندگی مجھے اس مقام پر لے آئی جب میں امید پیدا کرنے کا طریقہ جان گیا پر تب جسم جواب دے گیا۔پرانے فلامنٹ کے ساتھ ہائی وولٹیج کرنٹ نہیں گذارا جا سکتا۔
	تو یوں میں زندگی سے ایک قدم پیچھے بھاگتا رہا اور میں یہ قصہ سنا بھی اس لئے رہا ہوں کہ شاید تم کبھی زندگی کے ساتھ بھاگ سکو۔تو اس زندگی میں میرے  لئے سب سے مشکل چیز موت رہی اور میں نے اس حقیقت کو جانا تو صرف تب جب میں بسترِ مرگ پر تھا۔بیماری نے مجھے اتنا کمزور کر دیا تھا کہ مجھے لگتا تھا جیسے اب میرا جانا کوئی دن کی بات ہے۔اور اتنی سست موت میں ہی آپ اس عجیب مہمان کی اصل حقیقت جان سکتے ہو۔
٭٭٭

تم خود غرض ہو گئی ہو

	میری محبت سنگِ مرمر کے نیچے دبی ہے اور میں اب تک سانس  لئے جاتا ہوں۔تمہیں پتہ ہے کہ میں سارا سال اس امید پر گزارتا ہوں کہ میرے بچے مجھے تمہاری قبر پر لے جائیں۔وہ وہاں قرآن پڑھیں گے، بچے درختوں کے نیچے کھیلیں گے، تمہاری گور پر اس دن پھولوں کی ایک نرم و نازک سی چادر بچھ جائے گی۔۔۔۔۔۔۔اور میں جو بس ایک کونے میں بیٹھا تمہیں دیکھتا رہوں گا۔شاید میری نظریں یہی پوچھتی ہوں گی کہ تم تو چھوٹے سے بستر پر بھی میرے ساتھ دبک آتی تھی تو کیا تمہارے پاس میرے  لئے اتنی جگہ بھی نہیں ہے کہ گھڑی بھر کو مجھے اپنے پاس سلا لو۔۔۔۔۔۔تم بہت خود غرض ہو گئی ہو۔
٭٭٭


کستوری ہرن کا سچ


	کستوری ہرن کا سچ یہ نہیں ہے کہ وہ بھیڑیوں کی خونخواری پر برہم ہو کر انقلاب کے خواب بُنے، کہ وہ جنگلات کاٹنے والے ٹھیکیداروں کی ستم گری کا گلہ کرے، کہ وہ پھولوں کی خوبصورتی میں کھو کر انہیں کھانے سے ہاتھ کھینچ لے۔
	کستوری ہرن کا سچ تو بس اتنا ہے کہ وہ اونچے، سرسبز پہاڑوں میں انسانی بستیوں کی پہنچ سے بہت دور بسیرا کرے۔ خون آشام درندوں، موسمی آفات سے خود کو بچاتے ہوئے گھاس پتوں اور پھولوں کی خوراک پر زندہ رہے اور مشک کی صورت دنیا کی قیمتی ترین خوشبو کی تخلیق کرے۔
٭٭٭


بھوت اور میں۔۔۔۔

	میرے گھر میں بھوت کا سایہ ہے۔ اور سایہ ہے تو یقیناً وہ وجود بھی ہو گا جو اس کا باعث ہے مگر میں نے اسے کبھی دیکھا نہیں۔ بہت بار ایسا ہوا کہ میں دروازے کے قریب سرسراتے اس سائے کے پیچھے بھاگا کہ اسے دیکھ پاؤں۔ مگر شاید وہ جسم بہت بڑا ہے کیونکہ میں جتنا بھی بھاگا اس سیاہ وجود کے دوسرے سرے تک نہیں پہنچ سکا۔ بہرحال میرے قریب والے سرے سے تو وہ خاصا جسیم نظر آتا ہے۔ پر سائے اس معاملے میں تو دھوکہ دے ہی جاتے ہیں کبھی تو چوہے کا سایہ ہاتھی سے بڑا دکھائی دیتا ہے اور کبھی ہاتھی ایسے وجود کا سایہ بھی نظر نہیں آتا۔ اس میں سارا کھیل روشنی کا ہے۔ اب میرے ان مختصر، گھٹن زدہ کمروں میں وہ کونسا سورج ہے جو ایک جسم سے اتنا بڑا سایہ پیدا کر رہا ہے؟ یہاں سے ہی میں سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہوں کہ وہ کوئی بھوت ہی ہو گا۔ پر بھوت ہے تو جیسا کہ تصور کیا جاتا ہے کہ اس کے پاس ماورائی طاقتیں بھی ہوں گی۔ پلک جھپکنے میں وہ دنیا کے اس کونے کی خبر لا سکے گا وغیرہ۔ لیکن۔۔۔۔۔۔۔
	لیکن یہ تو سارا دن اس سیلن زدہ فلیٹ میں پڑا رہتا ہے کسی بوڑھے بیمار کتے کی مانند۔ بس میری آہٹ سن کر ایک کمرے سے دوسرے میں یا کچن، باتھ روم میں سرسراتا رہتا ہے۔ اگر وہ ان لامحدود طاقتوں کے ایک ہزارویں حصے کا بھی مالک ہے تو یہ بڑی معمولی بات ہو گی کہ وہ اپنا وقت یوں مجھ جیسے عام سے انسان کو خوفزدہ کرنے یا پھر چڑانے میں صرف کر رہا ہے۔ اس سے یہی معلوم ہوتا ہے کہ یا تو وہ سب قصے کہانیاں فرضی ہیں، یا پھر یہ میرے والا کوئی بہت بیکار قسم کا بھوت ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ میری طرح یہ بھی بس تنہائی پسند ہو۔ مجھے اس پر اعتراض نہیں ہے کہ وہ ایسا کیوں ہے؟ مگر سوال یہ ہے کہ وہ میرے گھر میں کیوں دندناتا پھر رہا ہے؟
	مجھے ٹھیک سے یاد تو نہیں کہ کب مجھے پہلی بار یہ احساس ہوا کہ جیسے کوئی اور بھی ہے یہاں ؟ شاید جب میں نے کافکا کی کتاب کو بستر کی بجائے میز پر پڑے پایا۔ یہ بات تو طے ہے کہ میں خود کو کبھی میز، کرسی پر بیٹھ کر پڑھنے پر مجبور نہیں کر سکا (اگرچہ اس کے  لئے میں نے کوشش بھی بہت کی)۔ ہاں البتہ یہ ممکن ہے کہ سونے سے پہلے میں نے کتاب کو پہلو میں رکھنے کی بجائے میز پر پھینک دیا ہو۔
	مگر کتاب تو میز پر ایسے پڑی تھی جیسے کوئی پڑھتے پڑھتے بند کر گیا ہو۔ پھینکنے اور اس حالت میں جو فرق ہے میں اس کو بخوبی محسوس کر سکتا ہوں۔ یہاں میں اس بات کی وضاحت کرتا چلوں کہ مجھ جیسے آدمی کو جس کے گھر میں ہر چیز بکھری نظر آتی ہے، بھی احساسِ ترتیب رہتا ہے۔ بکھرا ہونا اور بے معنی ہونا دونوں مختلف چیزیں ہیں۔ 
	میری قمیض زمین پر کیوں گری ہے؟ کیونکہ میں کمرے میں آتے ہی اس کونے میں اپنے کپڑے تبدیل کرتا ہوں۔ اب کپڑے اتار کر زمین پر پھینک دینا بے ترتیبی ضرور ہے مگر ان کا اس مخصوص کونے میں گرا ہونا منطقی طور پر سمجھ میں آتا ہے۔ تو ایک ایسی ہی منطقی ترتیب میرے گھر میں بھی تھی جس میں ذرا سا بھی بگاڑ فورا نظر میں آ جاتا ہے۔ اب فرض کریں کہ یہی بھوت کسی ایسے آدمی کے گھر میں ڈیرا جماتا جس کی ہر چیز قرینے سے لگی ہے۔ ایسے حالات میں اسے بے خبر رکھنا بہت ممکن تھا۔ دھونے کے بعد پلیٹ الماری میں جائے گی، پڑھنے کے بعد کتاب میز پر سلیقے سے رکھی ہو گی۔ ہر چیز کا ایک مخصوص مقام ہے اور وہ اتنا سیدھا ہے کہ کوئی بھی اسے جان سکتا ہے۔
	مگر میری ترتیب کو صرف میں ہی جان سکتا ہوں۔ تبھی تو میں چونک اٹھا، جب میں نے باربرا کورٹ لینڈ کے نئے تہلکہ خیز ناول کا اقتباس (جو ایک کتابچے کی صورت میں مشروب کے ڈبے سے نکلا تھا) اپنی کھڑکی کے سامنے سڑک پر پایا۔ مانا کہ اس بیسٹ سیلر ناول کا اقتباس ہی اتنا لایعنی تھا کہ اسے سڑک پر کیا شہروں سے دور صحراؤں میں پھینک دینا چاہیے تھا۔ مگر مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ چند صفحے پلٹنے اور سطروں پر نظریں دوڑانے کے بعد میں نے اسے خاصی احتیاط کے ساتھ ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا تھا۔ اور مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ ایسے کتابچے کا گھر میں ہونا میرے  لئے تکلیف دہ ضرور تھا پر اب کون اس سرد موسم میں بستر سے اٹھے، کھڑکی کھولے اور اسے باہر پھینک دے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
	مگر یہ باہر سڑک پر تھا اور میری ردی کی ٹوکری میں کوئی اور کتابچہ نہ تھا۔ صاف ظاہر ہے کہ میرے جانے کے بعد اس نے اسے ٹوکری سے نکالا (دیکھنے میں سرورق خاصا جاذبِ نظر تھا)، چند سطروں پر نظریں دوڑائیں، کچھ صفحے الٹے پلٹے۔ پھر تیز قدموں سے چلتا کھڑکی تک گیا، پٹ کھولے اور تمام تر طاقت کے ساتھ اسے باہر پھینک دیا۔ یقیناً ایسا ہی ہوا ہو گا۔
	مگر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کتاب کھڑکی سے بہت دور نہیں تھی اور اس بات کی تو میں قسم اٹھانے پر تیار ہوں کہ اسے بہت طاقت سے پھینکا گیا ہو گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تو کیا وہ اتنا کمزور ہے؟ کتنی مشکل ہوتی ہو گی اسے میرے آنے پر ایک کمرے سے دوسرے کمرے میں جانے تک؟ یہ سوچ کر میں نے بلا ضرورت کمروں میں گھومنا کم کر دیا۔ اور اگر جانا بہت ضروری ہو جاتا تو میں بڑی آہستگی سے چلتا کہ میں اسے جلدی میں مبتلا نہیں کرنا چاہتا تھا۔
	ہمارے بیچ گویا ایک خاموش سمجھوتہ سا ہو گیا تھا۔ جیسے کپڑے تبدیل کرتے ہوئے میں یقین کر لیتا کہ اس نے ضرور آنکھیں بند کر لی ہوں گی یا پھر وہ کسی دوسرے کمرے میں چلا گیا ہو گا۔ اسی طرح اگر صبح کے اخبار میں کوئی دلچسپ خبر ہوتی تو میں اسے با آوازِ بلند پڑھتا تاکہ اسے خبر کے لئے بہت انتظار نہ کرنا پڑے (میں نہیں چاہتا تھا کہ کسی دن وہ بیتاب ہو کر میرے ہاتھ سے اخبار ہی چھین لے)۔ میں نے اخبار کی دو کاپیاں لینے کے بارے میں بھی سوچا پر پھر خیال بدل دیا۔ اس سے اسے بھی احساس ہو جائے گا جیسے میں اس کی موجودگی سے باخبر ہوں اور یہ جو چھپنے والا بھیس اس نے اتنے دن سے بدل رکھا ہے ایک مذاق بن کر رہ جائے گا۔ پھر اخبار پھینکنے والا بھی چونک تو ضرور پڑے گا۔ اور مجھے کہنے دیں کہ اس قسم کی اپارٹمنٹ بلڈنگز میں مجھ جیسے آدمی کو بہت محتاط رہنا پڑتا ہے۔ جہاں لوگ پالتو چانوروں کا وجود برداشت نہیں کرتے وہاں ایک بھوت کا خیال بھی کھلبلی مچا سکتا ہے۔ بستر پر صبح سے شام تک میرا قبضہ ہوتا اور دن میں اس کا۔ ایک دن جلدی گھر آنے کے باوجود میں گھنٹوں بلا ضرورت ٹیلی ویژن کے سامنے بیٹھا رہا کیونکہ میں اس کی نیند خراب نہیں کرنا چاہتا تھا۔
٭٭٭

بلٹ ٹرین کے شیشوں پر چپساں چہرہ

	لیکن یہ اس وقت کی بات ہے جب وہ اس عجیب قطار کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتی تھی۔۔۔۔۔۔قطار جو ہمیشہ وہیں رہتی۔قطار جسے ختم نہیں کیا جا سکتا تھا۔وہ بس اسے ٹال سکتی تھی ایک اور دن کے لئے۔وہ اور وقت تھا جب امید تتلی سے خوش رنگ پروں سے اڑتی تھی اور خوابوں کے جگنو دن میں بھی چمکتے پھرتے تھے۔
	مگر ان شکستہ چہروں کی ہر شکن میں اس کا سامنا ایک نئے اسرار سے ہوا،ہر لمحہ اسے ایک نئی کہانی ابھرتی نظر آئی۔اور وہ۔۔۔۔۔وہ جو ہمیشہ سے ایسے ہی اسراروں کی کھوج میں بھٹکتی تھی اسے سمجھوتہ کرنا پڑا۔۔۔۔۔اسے سمجھوتہ کرنا پڑا کیونکہ اسے اس قطار کو کچھ تیزی سے چلانا تھا۔شاید اس لئے کہ کہیں آخر میں کھڑے شخص کی امید باقی رہے۔مگر اس قطار کا آخری سرا تو کہیں دور چھپا تھا۔اس نے خود کو اس نئے کام کے تقاضوں میں ڈھالنے کی کوشش کی۔وہ اب بہت نپے تلے اور مختصر جملوں میں بات کرتی تھی۔رایٹنگ پیڈ پر لکھتے ہوئے اس کا ہاتھ ہر ممکن تیزی سے چلتا اور اس کا ذہن ہمہ وقت مختلف علامات اور بیماریوں کا تقابل کرتا رہتا۔
	اور اب وہ قطار ایسی خوفناک رفتار سے دوڑتی تھی کہ وہ انفرادی چہرے تلک نہ دیکھ پاتی تھی۔یہ ایسے ہی تھا جیسے کوئی بلٹ ٹرین آپ کے سامنے سے گزر رہی ہو اور اس کی کھڑکیوں سے جھانکتے سارے چہرے ایک ماورائے انسانی چہرے میں ڈھل جائیں۔۔۔۔۔چہرہ جو بلٹ ٹرین کے شفاف شیشوں پہ چپساں دکھائی دیتا ہے۔چہرہ جو بلٹ ٹرین کے ساتھ نہیں بھاگتا۔بس ہماری آنکھوں کے سامنے ٹھہرا رہتا ہے اور آخری ڈبہ گزرنے پر ہوا میں تحلیل ہو جاتا ہے۔ایسا چہرہ جو مردوں،عورتوں،بچوں، آنسوؤں،قہقہوں، دکھوں۔۔۔۔۔ہر چیز کو ایک منجمد لمحے میں ظاہر کرسکے۔تمام متضادات ایک ماورائے عقل ساعت میں اکھٹے ہو جائیں۔
	اور کبھی کبھی یوں لگتا جیسے وہ چہرہ کچھ بھی ظاہر نہیں کرتا تھا۔شاید وہ آفاقی چہرہ جذبات و احساسات کی ان حد بندیوں سے ہی پرے تھا۔جیسے جذبات واحساسات کے ملمع کے پیچھے تمام چہرے ویسے بھی ایک جیسے ہوتے ہوں۔کسی نہ نظر آنے والی رسے سے بندھے،ناقابلِ ادراک شبیہوں میں ڈھلے۔جیسے لوگوں کے ان مختلف چہروں کے پیچھے کوئی غیر تغیر پذیر آفاقی شخصیت ہو۔۔۔۔۔ایک شخصیت جو شخصیت کے تصور سے ماورا ہو۔
	وہ اس بلٹ ٹرین کے سامنے خاموش کھڑی تھی۔تمام لوگ جنہیں وہ جانتی تھی،تمام جگہیں وہ جہاں کبھی گئی تھی۔تمام خیالات وہ جن سے کبھی آشنا تھی۔۔۔سب اسی ٹرین میں سوار ہو گئے۔وہ خود کو بہت اکیلا محسوس کرنے لگی تھی۔اور وہ ایک دن جب اس کے خواب بھی چھلانگ لگا کر اسی ٹرین پہ سوار ہو گئے۔اب آنکھیں بند کرنے پر بھی تشفی کی کوئی صورت نہ رہی۔اب اس کی آنکھوں کے سامنے بس ایک بے شناخت چہرہ تھا جو ایک قیامت خیز رفتار سے چلتے وقت پر سوار تھا۔
	اسے زندگی میں بہت کچھ نہیں چاہیے تھا۔بس یہ کہ ایک لمحے کو ہر چیز منجمد ہو جائے۔۔۔۔۔یہ قطار،وہ چہرے،آسمان پہ اڑتی پتنگیں،دیوانگی سے بھاگتی گاڑیاں۔۔۔۔۔یہ سب بس ایک لمحے کو تھم سے جائیں۔ایک لمحہ جس میں اسے سب بندشوں سے آزاد کر دیا جائے اور وہ آزادانہ گھومتے ہوئے ہر چیز کو ہر پہلو،ہر سمت،ہر انداز سے دیکھ سکے۔پوری توجہ سے تجزیہ کر سکے۔بس ایک لمحہ۔۔۔۔۔اور اس کے بعد وہ اس لایعنی ڈرامے کا حصہ بننے پر بھی تیار تھی۔
	اسے لگتا تھا کہ اس پاگل ہوتی ہوئی دنیا کو بس ایک لمحے کو ٹھہر جانا چاہیے۔ایک لمحہ جس میں ہم سب بھاگنے کی بجائے سوچ سکیں۔شاید یہی کہ ہم کیوں بھاگ رہے ہیں ؟یا شاید یہ کہ ہم کس سے بھاگ رہے ہیں ؟
	وہ اچھی طرح جانتی تھی کہ اس لمحے کے بعد دنیا پھر پہلی سی ہو جائے گی۔۔۔۔۔کوئی فرق نہیں پڑتا کہ سب کچھ پھر اسی رفتار سے دوڑنے لگے۔کوئی فرق نہیں پڑتا کہ treadmillپر خود کو متوازن کرتے شخص کی طرح آپ بھی ایک بھیانک رفتار سے بھاگنے پر مجبور ہو جاؤ۔کوئی فرق نہیں پڑتا کہ سب بدل چکا ہے۔۔۔۔۔اب آپ جانتے ہو (اچھی طرح جانتے ہو)کہ اس آفاقی انسانی چہرے کی پیچیدگی کے پیچھے بڑے سادہ،بڑے آسان سے چہرے ہیں۔اس لڑکی کا کھلتا ہوا چہرہ جسے محبت ہو گئی ہو،اس بوڑھے کا افسردہ چہرہ جس کا نوجوان بیٹا مارا گیا ہو،اس جواری کا پر مسرت چہرہ جس کا نمبر لگ گیا ہو۔یہ چہرے اتنے سادہ اور ان پر لکھی تحریر اتنی واضح ہوتی ہے کہ زندگی ممکن دکھائی دینے لگتی ہے اور پھر یہ سب ایک لمحے کی تو بات تھی۔
	بہت دیر ہوئی،اس نے ایک بند دروازے کے پیچھے ایسے ہی ایک لمحے کو پایا تھا اور وہ اس عنایت پر بے پناہ شکرگزار بھی تھی پر۔۔۔۔۔کتنی دیر تک بہل سکتے ہو آپ بس ایک منجمد لمحے کی یادوں کے ساتھ؟
٭٭٭

محبت اور زندگی

	محبت پرندوں کو دانہ ڈالتی ایک چھوٹی لڑکی ہے زندگی نام کا ایک خوش رنگ پرندہ جس کے پاس تھوڑی دیر کو ٹھہر گیا ہے۔ پرندہ جو کچھ امید اور ایک بہت بڑی بے یقینی کے ساتھ اس کے گرد چکر لگاتا ہے۔ چند قدم پھدکتے ہوئے دانوں کے قریب آتا ہے اور لڑکی کی ذرا سی جنبش پہ وحشت بھری بے مروتی سے پر پھڑپھڑاتا دور چلا جاتا ہے۔ پھر واپس آتا ہے اور پھر چلا جاتا ہے۔
	امید اور بے یقینی کا یہ کھیل وہ تب تک کھیلتا ہے جب تک لڑکی کے ہاتھوں میں ایک بھی دانہ باقی ہے۔ دانے ختم ہونے پر وہ الوداعی نظر ڈالے بنا اوپر آسمانوں کو اڑ جاتا ہے کچھ ایسے کہ اس کے دل میں شکر گذاری تلک نہیں ہوتی۔
	پرندے کو آزادی کا جنوں ہے۔وہ ایسی رفعتوں کا باسی ہے جہاں سے وہ لڑکی تو کیا پورا شہر ہی اتنا چھوٹا نظر آتا ہے جس کے بارے میں سوچنا بھی اسے کارِ زیاں لگتا ہے۔ اسے کون سمجھائے کہ یہ لڑکی کے پھینکے انہی دانوں کی طاقت ہے جو اسے یہاں اڑائے پھرتی ہے ورنہ تو وہ پیٹ کے بل زمین پر رینگتا ہوتا۔
 	لڑکی کو پرندے کی بے مروتی پر کبھی افسوس نہیں ہوتا۔ اس کے گھر کی پرچھتی کے نیچے ایسے ایسے مضبوط پنجرے اور دھوکے سے بھرے جال رکھے ہیں کہ کوئی بھی پرندہ جن کے سایوں میں آزادی کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتا پر۔۔۔۔وہ انہیں کبھی نہیں نکالتی۔ وہ بس انتظار کرتی ہے۔ اِک اگلی صبح کا جب بھو ک کی رسی سے بندھا وہ پرندہ پھر سے اس کی منڈیر پر آئے گا اور اپنی دلفریب آواز میں اسے ان رفعتوں اور انجانی دنیاؤں کے گیت سنائے گا جہاں وہ گئے دن گھومتا رہا تھا۔
٭٭٭

نارمل انسان

	وہ ہر لحاظ سے ایک نارمل لڑکا تھا۔ذہین،صحت مند،خوبصورت اور پر امید۔لیکن وہ نارمل نہیں تھا۔مگر اس سے پہلے کہ میں آپ کو اس لڑکے کی کہانی سناؤں میں اپنے پیشے کا ایک چھوٹا سا راز بتانا چاہتا ہوں۔
	حقیقی معنوں میں یہ لفظ نارمل ایک دھوکا ہی ہے۔نارمل کوئی نہیں ہوتا۔دنیا میں ارب ہا لوگ گھومتے ہیں اور ہزاروں لوگوں کا احوال تاریخ کی کتابوں میں درج ہے پر یقین کریں کہ ان میں سے ایک شخص بھی نارمل نہیں تھا۔یہ لفظ درحقیقت ایک فسانہ ہے جو ہم نے کم علمی کو چھپانے کے لئے گھڑ رکھا ہے۔آپ بھی سوچ رہے ہونگے کہ ایسی توجیہہ گھڑنے سے بھلا کوئی کیسے مطمئن ہو سکتا ہے؟
	آپ ایسا سوچ سکتے ہیں کیونکہ آپ ایک معالج نہیں ہیں۔اور یہاں معالج سے مراد میری طرح ماہرِ نفسیات ہونا ضروری نہیں ہے۔آپ کسی بھی شعبے سے تعلق رکھتے ہو۔ایلو پیتھک،ہومیو پیتھک،روحانی طریقہ علاج،حکمت تو آپ میری بات سمجھ سکتے ہو کہ ایک فرضی بیماری کس طرح مریضوں کو مطمئن کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔
	یہ مریض جب آپ کے پاس آتے ہیں تو ان کی آنکھوں میں ایک امید ہوتی ہے۔انکے کان منتظر ہوتے ہیں کہ ہم معائنے کے بعد انہیں کسی بیماری کا مژدہ سنا سکیں۔اگر یہاں آپ مریض کو جانچنے کے بعد کہتے ہو کہ نہیں میاں تم تو بھلے چنگے ہو تو یقین کیجئے کہ انکے اندر بہت اداسی پھیل جائے گی۔گرچہ بہت ممکن ہے کہ بظاہر وہ بہت خوشی کا اظہار بھی کریں مگر میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ خوشی بڑی کھوکھلی ہوتی ہے۔وہ بس مروت کا اظہار کر رہے ہوتے ہیں۔وہ ظاہرا خوشی دکھاتے ہیں مگر دل کے اندر ہماری نالائقی پر تین حرف بھیج رہے ہوتے ہیں۔
	اور وجہ یہی ہے کہ لوگ ڈاکٹروں کے پاس اس لئے نہیں جاتے کہ انہیں سجے سجائے دفاتر کو دیکھنے کی آرزو ہوتی ہے یا پھر وہ عمدہ سوٹ پہنے کسی پر وقار سے شخص سے ملنا چاہتے ہیں۔نہیں جناب! وہ لوگ اپنا قیمتی وقت نکال کر یہاں آئے ہیں۔انہوں نے بہت دیر تک ویٹنگ روم میں انتظار کیا ہے۔۔۔۔۔۔اور یہ سب اس لئے کہ انہیں کوئی مسئلہ درپیش ہے۔کچھ ایسا جسے وہ سمجھ نہیں سکتے بس چند نشانیاں ان پر ظاہر ہوتی ہیں۔کسی کو سر کے پچھلے حصے میں درد ہے،کسی کے بازو سن ہوئے جاتے ہیں،کوئی پیٹ میں کنکھجورے رینگتے محسوس کرتا ہے۔وہ سب بہت گھبرائے ہوئے ہوتے ہیں کیونکہ ان کی سمجھ میں کچھ نہیں آ رہا ہوتا۔تو وہ سمجھتے نہیں ہیں مگر یہ جو کچھ بھی ہے ان کا اپنا ہے۔وہ اپنے ان دیکھے دشمن کے ساتھ گویا ایک توازن میں رہ رہے ہوتے ہیں۔یہ تو وہ بھی جانتے ہیں کہ جو وہ محسوس کرتے ہیں ویسا ہے نہیں۔ انہیں مکمل یقین ہے کہ ان کے پیٹ میں کوئی کنکھجورا نہیں ہے مگر کچھ ہے۔ اور ایسے میں ایک توجیہہ کہ یہ سب کوئی بیماری ہے اور اسے دور کیا جا سکتا ہے خاصی طمانیت خیز چیز ہوتی ہے۔اب ایسے میں اگر ڈاکٹر انہیں بتائے کہ وہ بھلے چنگے ہیں انہیں کوئی بیماری نہیں ہے تو وہ اندر سے لرز جاتے ہیں۔ایک بہت بڑا سوال ان کی روح میں در آتا ہے۔
	’’تو میں بالکل ٹھیک ہوں۔ڈاکٹر یہی کہتا ہے۔پر اس کا یہ مطلب تو نہیں کہ میں تکلیف میں نہیں ہوں۔اس کا تو صرف یہ مطلب ہے کہ میرے مرض کا علاج اس کے پاس نہیں ہے۔‘‘ تکلیف ایک حقیقت ہے اور اب بدلا صرف یہ ہے کہ اسے علاج کے لئے کوئی اور در کھٹکھٹانا پڑے گا۔مختلف مہاتریوں اور عطائیوں کے ہتھے چڑھنا پڑے گا۔کتنا اچھا ہوتا کہ کوئی بیماری نکل آتی اور چند دنوں کی کڑوی کسیلی دواؤں کے بعد وہ صحت یاب ہو جاتا۔
	ایسے لوگوں کی امید نہ ٹوٹے اسی  لئے معالجین نے چند اہم اصطلاحات وضع کر لیں۔ انہوں نے فرضی بیماریوں اور بے ضرر دواؤں سے علاج کا ایک ingeniousطریقہ نکالا ہے۔ اب آپ کو کوئی بھی ڈاکٹر یہ کہتا نہ ملے گا کہ آپ کو کوئی بیماری نہیں ہے۔نہیں جناب یہ جملہ اب متروکات میں شامل ہے۔آپ کسی بھی معالج کے پاس چلے جائیں تو وہ تھوڑی ہی دیر میں آپ کے مرض کی تشخیص کر ڈالے گا۔یا پھر ٹیسٹ پر ٹیسٹ تجویز کرتا رہے گا تاکہ امید کا دامن نہ چھوٹے۔
	لیکن درحقیقت یہ ایک دھوکہ ہے۔حقیقت یہی کہ ہم سب بہت مختلف ہیں۔ایک اندھا شخص بھی اتنا ہی مکمل ہے جتنے ہم سب آنکھوں والے۔ہم بیمار ہیں تو صرفrelative term   میں۔۔۔۔۔۔۔ایک بیمار معاشرے میں اپنی فعالیت کے لحاظ سے۔وگرنہ ایک صحت مند معاشرہ تو وہی ہوتا ہے جو ہر ایک سے ان کی اہلیت کے مطابق حاصل کر سکے۔
	پر ہم یوٹوپیا میں نہیں رہتے۔یہاں حساب مختلف ہے۔یہاں سب کو ایک ہی سانچے میں ڈھالنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ایسے میں نارمل انسان جیسا فکشن سامنے لایا جا تا ہے اور سب کو ضروری کانٹ چھانٹ یا مناسب اضافوں کے ساتھ اس میں ڈھالنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
٭٭٭

روشنی نامی پرندہ

	بیسیوں جگنوؤں کے بیچ اڑتا ایک پتنگا شاید کبھی نہ جان پائے کہ اس کے پاس کوئی روشنی نہیں ہے مگر ہزاروں، لاکھوں پتنگوں کے ہجوم میں بھی ایک جگنو اپنی روشنی سے نا آشنا نہیں رہ سکتا۔
	تیرگی کتنی بھی گہری ہو نور کی چادر نہیں بن سکتی۔ اندھیرے کے سمندر انڈیل دو مگر روشنی نامی پرندے کے پر اتنے بھی گیلے نہ ہوں گے کہ اسے پھڑپھڑانا ہی پڑے۔نور کو ایک بند آنکھ کے سوا کوئی شئے نہیں ڈھانپ سکتی۔
	اور شیطان کی سلطنت تو بس ایک دھوکہ ہے۔ ایک بہت بڑا دھوکہ۔ وہ تمہیں مکر و فریب کے اونچے بالا خانوں سے مایوسی کے نغمے سنائے گا، بڑے بڑے عالم فاضل تمہیں زمانے کے سایوں میں ڈوبنے کی وعید دیں گے، لوگ کائنات بھر کے اندھیرے تمہارے گھر کی دہلیز پر لا کھڑے کریں گے۔۔۔۔۔۔۔اور اس سب کا مقصد بس اتنا ہو گا کہ تم گھبرا کر اپنی آنکھ بند کر لو۔
	پر وہ جن کے جسموں میں نورِ حقیقت پھونکا گیا ہے ظلمتِ دنیا سے کیا سہمیں گے؟ ہم تو بس اس سارے کھیل کو دیکھ کر مسکرائیں گے اور کہیں گے 
	" اے فسوں گر تیرا سحر بڑا قاتل ہے اور اندھیرا ہے کہ اپنے دندناتے قدموں سے میرے دل کو دہلائے جاتا ہے پر ایک بات تو بتا دے۔۔۔۔۔۔۔۔۔اگر میں نے آنکھیں کھول دیں تو تیرے سحر کا کیا ہو گا؟"
٭٭٭

وہ وقت جب چونے کی بے جان لکیریں آپ پر ہنستی ہیں۔۔۔۔۔

	جیسے کوئی انسپکشن ٹیم کسی سکول میں جائے اور ہر کلاس میں دھلے، کلف لگائے کپڑوں والے استاد پڑھاتے نظر آئیں،سکول کا ہر کونہ اتنا صاف ہو کہ بے اختیار سانس لینے کو دل چاہے،ہر جماعت کی حاضری پوری ہو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سب کچھ آپ کی آنکھوں کے سامنے ہے مگر یقین ہے کہ دل زدہ بچے کی طرح بہلنے کو نہیں آتا۔ سکول ایسے تو نہیں ہوتے نہ۔ کوئی بچہ ایسا ہونا چاہیے جو صبح استری شدہ کپڑے پہن کر آنا بھول گیا ہو،کوئی استاد تو رات ہونے والی بدمزگی کا غصہ بچوں پر اتار رہا ہو،سکول کا کوئی چپراسی تو ہیڈ ماسٹر کے ذاتی کام سے گیا ہونا چاہیے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ایسے میں آپ کو لگتا ہے کہ کوئی گڑبڑ ہے۔ آ خر سب کچھ اتنے سلیقے، اتنی ترتیب سے تو نہیں ہو سکتا نہ؟ آپ کا دل گھبرانے لگتا ہے پر آپ جب ٹیم کے دوسرے لوگوں کو دیکھتے ہو تو وہ سب اتنے مطمئن نظر آتے ہیں جیسے اس بھونڈے جھوٹ پر یقین کئے بیٹھے ہوں۔ایک بہت بڑی بے یقینی آپ کی روح میں سرسرانے لگتی ہے۔ آپ خود پر جبر کر کر مسکراتے ہوئے سکول کا معائنہ کرتے ہو۔ بڑی خوشدلی سے ہر چیز کی تعریف کرتے ہو۔ ہاں مگر دل میں کہیں بڑبڑاتے ضرور ہو۔
	‘‘میں جانتا ہوں کہ یہ سب جھوٹ ہے اور میں سچائی کو ڈھونڈ کر رہوں گا۔’’
	پر سچائی ایک ایسا خواب ہے جس کی تعبیر بنی آدم کو سزاوار نہیں۔ اس دنیا کا خمیر جھوٹ میں گوندھا گیا ہے۔ بے شک یہ دنیا جھوٹ اور دھوکہ ہے۔ سمندر کا پانی کسی کی پیاس نہیں بجھا سکتا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ایسی کوششوں میں مسافر وقت سے کہیں پہلے اپنی جانیں گنوا بیٹھتے ہیں۔
لیکن آپ یہ بات نہیں مانتے اور اس سکول سے ایک نیا عزم لے کر اٹھتے ہو۔اب چاہے کچھ بھی کرنا پڑے پر اس پردے کو تو اٹھنا ہی ہو گا۔ بڑی مشکل سے آپ دوبارہ انسپکشن کی اجازت لیتے ہو (یہ بہرحال کوئی آسان کام نہیں کہ سینکڑوں دوسرے سکول بھی آپ کی توجہ کے منتظر ہوتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔پر پتہ نہیں کیوں آپ کو لگتا ہے کہ اگر ایک غلط کار بھی پکڑا جا سکے تو اس نوکری کا حق ادا ہو جائے گا)۔ تو اب کے آپ اپنی انسپکشن کو بہت خفیہ رکھتے ہو۔ پر جب سکول کے سامنے پہنچتے ہو تو دور سے چونے کی کھنچی لکیریں آپ کا استقبال کرتی ہیں۔ غور سے دیکھئے تو شاید کسی خوش مذاق نے ‘‘خوش آمدید’’ بھی لکھ رکھا ہے۔
	اور یہ بڑی عجیب گھڑی ہوتی ہے۔ چونے کی بے جان لکیریں آپ پر ہنستی ہیں۔ گراونڈ میں کھڑے وہ چھوٹے چھوٹے بچے قہقہے لگاتے ہیں جنہیں ٹھیک طرح سے اپنی ناک صاف کرنی بھی نہیں آتی۔ سکول کی دیواروں پر لکھے شعر طنز کے نشتروں کی طرح روح میں اترتے چلے جاتے ہیں۔
	دل میں ایک جسیم بدمزگی دوڑتی ہے۔ آپ نہیں جانتے کہ کیا ہوا؟ انہیں کس نے خبر کی؟ آپ جانتے ہو تو بس اتنا کہ آپ انہیں کبھی پکڑ نہ پاؤ گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تو اس کے بعد کے پچیس برس آپ کلف لگائے اساتذہ اور دھلے دھلائے بچوں کی تعریفیں لکھتے گذار دیتے ہو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ان سکولوں کی تعریفیں جن کے باتھ روم مہینوں تلک خراب رہتے ہیں۔ جن کے اساتذہ گھروں میں پاؤں پسارے لیٹے رہتے ہیں اور ان کی حاضریوں سے سکول کے رجسٹر بھرے نظر آتے ہیں، جن کی جماعتوں میں لکھنے کے لئے چند روپے کے چاک تلک نہیں ہوتے۔
٭٭٭

سر بانسری میں نہیں ہیں 

	اسے پہلی بار موقع ملا کہ وہ اتنے بہت سے لوگوں کو محسوس کر سکے۔لیکن اس نے انہیں ایک اداس کر دینے والی روشنی میں دیکھا۔جیسے آپ سرخ شیشوں کی عینک پہن کر گھر سے نکلو تو ساری کائنات سرخ دکھائی دینے لگتی ہے ویسے ہی اس نے ان سارے لوگوں کو اس طرح دیکھا کہ موت کے سائے ان پر منڈلا رہے تھے اور وہ لوگ موت سے بچنے کے لئے سمٹ سمٹ جاتے تھے۔ہر اس شئے کو تھامنے کی کوشش کرتے تھے جو ان کے راستے میں آتی تھی۔اسے لگتا تھا جیسے شہر میں کوئی Rodeoآ گیا ہو اور عام لوگ بھینسوں پر چڑھ کر دیکھ رہے ہوں کہ وہ کتنی دیر تک اس غصیلے اور طاقتوربھینسے سے چمٹے رہ سکتے ہیں۔یہ صرف وقت کی بات ہے وگرنہ ایک محدود عرصے میں سبھی کو پھینک دیا جائے گا۔۔۔۔۔منظر یہی رہے گا۔ It's just a matter of time۔ہر ایک اپنی پوری کوشش کرے گا۔ہر ایک پردوش ہو گا اور آخر میں ہر ایک کو زمین پر پٹخ دیا جائے گا۔
	تو اس کا کام ان کی مدد کرنا تھا۔جیسے کسی کے پاس تھوڑی سی طاقت ہو کہ وہ بھینسے کو distractکر سکے۔۔۔۔اس کے غصے کو مدھم کر سکے۔اسے سب کچھ نہیں پتہ تھا بس کچھ چیزوں کا علم تھا۔لیکن عجیب بات یہ تھی کہ لوگ اس پر بہت اعتماد کرتے تھے۔اس سے بہت امید کرتے تھے۔اس نے میڈیکل سکول میں برسوں لگائے مگر اب بھی انسانی جسم اس کے  لئے ایک معمہ ہی تھا۔لیکن لوگوں کو جیسے لگتا تھا کہ وہ معجزات کرنے پر بھی قادر ہے۔
	شروع شروع کا مہینہ خاصا excitingتھا۔وہ اس بچی کی طرح پردوش تھی جو کھیل کے دوران ڈاکٹر کا بھیس بدلے ہوئے ہو اور کوئی اسے پہچان نہ پا رہا ہو۔ایک چھوٹی سی لڑکی کو بس ایک سفید گاؤن مل گیا تھاجسے اس نے پہن لیا تھا اور اب ہر ایک اسے ڈاکٹر سمجھ رہا تھا۔اس کے سوا ہر ایک کو یقین تھا کہ وہ ڈاکٹر ہی ہے۔اور پھر عجیب بات ہونے لگی۔چھوٹی چھوٹی عام چیزیں جو اس نے میڈیکل سکول میں سیکھی تھیں انہوں نے معجزات کرنے شروع کر دیے۔لوگ سینکٹروں کی تعداد میں اس کے پاس لائے گئے کچھ اس طرح کہ وہ تکلیف سے کراہ رہے تھے۔لیکن اس کی ایک دوا سے وہ پرسکون ہو گئے۔اس شئے نے اسے وہ اعتماد دیا جو ہمیں ان ڈاکٹروں میں نظر آنے لگتا ہے جنہوں نے تھوڑا سا وقت اپنے مریضوں کے ساتھ گذار لیا ہوتا ہے۔وہ بھی بدل گئی تھی۔
	گو اسے اپنی لاعلمی، اپنی حدوں کا احساس اب بھی شدت سے تھا مگر وہ آہستہ آہستہ ایک کامیاب ڈاکٹر بنتی جا رہی تھی۔ اور ایسا صرف اس لئے تھا کہ وہ ایک چیز جان گئی تھی۔۔۔۔۔۔وہ جان گئی تھی کہ وہ بانسری نواز نہیں محض لکڑی کی ایک بانسری ہے۔ لکڑی کی وہ بانسری جو بڑی اچھی طرح جانتی ہے کہ اس کی سطح اتنی کھردری ہے کہ نرم سر اس کی کوکھ سے پھوٹنا ناممکن ہیں۔لیکن پھر کسی بانسری نواز کے ہونٹ اسے چھوتے ہیں اور ایسے سُر تخلیق ہوتے ہیں کہ ایک دنیا وجد میں آ جاتی ہے۔ سر لکڑی میں نہیں، سر بانسری میں نہیں اور سچ کہوں تو سر بانسری نواز میں بھی نہیں ہیں۔ سُر تو ہواؤں میں ہیں اور اپنے اظہار کو وہ بانسری نواز، بانسری اور سننے والے کانوں کی تخلیق کرتے ہیں۔ہمارا  کام صرف اتنا ہے کہ ہم ‘‘ میں ’’ کے دھوکے سے نکل کر سچائی کو اپنے اندر بہنے دیں۔ اور یہی کام وہ کر رہی تھی۔ وہ ذاتِ بابرکت بڑی رحم دل ہے وہ ہر بیمار کو شفا دینا چاہتی ہے اسی  لئے اس نے ہر بیماری کے ساتھ اس کی شفا کی تخلیق بھی کی، اسی  لئے اس نے علمِ شفا کی تخلیق بھی کی،اسی  لئے اس نے شفا کے عالموں کی تخلیق کی۔۔۔۔ سارا کام تو اس کا تھا وہ تو بس ایک ہاتھ تھی جس کے پیچھے ساری طاقت کسی اور کی تھی۔
٭٭٭

جذبات کی رو

	پر کس نے کہا کہ دنیا ایک ہی ہے؟جب Leeuwenhoekنے پہلی مرتبہ تالاب کے گدلے پانی کو خوردبین کے نیچے دیکھا تو اسے پانی کا کوئی قطرہ نظر نہیں آیا (اور ہمارے معترضین یقیناًاس پر برانگیختہ ہو جائیں گے کہ بھلا ایسی شئے بنا نے کا فائدہ جو پانی کا قطرہ جیسی معمولی چیز نہ دیکھ سکے)۔پر اس نے کچھ اور دیکھ لیا۔ایک بہت بڑی دنیا جس میں ہزاروں،لاکھوں microbes تھے۔۔۔ وجود جو زندگی کے ہر معانی میں زندہ تھے۔ اس دنیا کے اپنے خواب تھے، اپنی عمر تھی،اپنے قوانین تھے۔۔۔تو ہم کہ سکتے ہیں کہ اس نے ایک دوسری دنیا دریافت کر لی تھی۔ اور یہ دریافت یقیناًکولمبس کے امریکہ سے اہم تھی۔
	تو ایک دنیا نہیں ہے بہت سی دنیائیں ہیں۔ اور میں صرف یہ کہتا ہوں کہ کسی ایک دنیا میں وہ سارے عکس،وہ سارے تصورات، وہ سارے خواب بہرحال رہتے ہیں۔ اور میں نہیں جانتا کہ ان کی زندگی کیسی ہے۔۔۔سارا دن ساحلِ سمندر پر اچھلتے بچوں کی طرح پردوش یا پھر ہمہ وقت اپنے فلیٹ کے اندھیروں میں چھپے قنوطی فلسفیوں کی سی خاموش۔یا شاید وہ ہماری طرح ہی ہوں گے۔ ایک ہی وقت میں خوش،ناراض،پر امید،بیزار اور سب کچھ۔جیسے یہ حالتیں ہر وقت ہمارے اندر ہوتی ہیں بس ان کا تناسب بدلتا رہتا ہے۔کوئی ایک جذبہ dominateتو کر سکتا ہے مگر ہم نہیں کہ سکتے کہ کبھی بھی باقی جذبات معدوم ہو جاتے ہیں۔
	آپ شدید سے شدید ترین صورتحال کو ذہن میں لے آیئے۔غالباً وہ لمحہ ایک اچھی مثال ہو سکتا ہے جب آپ غصے سے بے قابو ہوئے جا رہے تھے۔آپ کی آنکھیں خون کی طرح گہری سرخ ہو رہی تھیں۔ بار بار آپ چیزیں اٹھا کر پھینک رہے تھے۔ آپ کے بیوی بچے کہیں کونوں میں دبک چکے تھے۔۔۔ایسی حالت میں۔۔۔ایسی حالت میں بھی آپ کے ذہن میں دوسرے خیالات منڈلاتے ہیں۔جیسے یہ احساس کہ میں چیزیں اٹھا کر پھینک تو رہا ہوں مگر کوشش کروں گا کہ اس کی زد میں میراBig screen TV  نہ آ جائے۔۔۔نہیں،ایک لاکھ روپے کا ٹیلی ویژن بہرحال میرے غصے کے اظہار سے زیادہ قیمتی ہے۔ یا پھر جیسے یہ احساس کہ مجھے تو درحقیقت غصہ آ ہی نہیں رہا ہے۔ پر اگر میں نے اس بات پر بھی غصہ نہ کیا تو اس گھر میں میری کیا حیثیت رہ جائے گی۔ لوگ تو مجھے روندتے ہوئے گزر جایا کریں گے۔ تو مجھے ہر حال میں اپنی گردن کی رگیں پھلانا ہوں گی اور حلق سے وحشیانہ آوازیں نکال کر (جن سے میں خود بھی ڈرا جاتا ہوں )دوسروں کو خوفزدہ کرنا ہو گا۔
	تو جذبات کی رو میں بہنا کوئی چیز نہیں ہوتی۔یہ تو ایک فکشن ہے جو نوجوان جوڑوں نے اپنی غیر اخلاقی حرکات کی توجیہ کے طور پر گھڑ رکھی ہے (ہم اس پر یقین کرتے ہیں تو اس لئے کہ کبھی ہم بھی تو جوان تھے)۔یقین کیجئے کہ انتہائے جذبات کی گھڑیوں مثلاً Lovemaking کے سے عمل  کے دوران بھی ہم جذبات کی رو میں نہیں بہتے۔ہمیشہ ہمارے کان ادھر ادھر سے اٹھنے والی آوازوں پر لگے رہتے ہیں۔ہمارا ذہن ایک دوسرے کو زیر کرنے کے نئے نئے طریقے سوچ رہا ہوتا ہے۔حتی کہ خاتون کے ہونٹ چومتے ہوئے آپ گھٹیا سی لپ اسٹک کا ذائقہ بھی اپنے حلق میں اترتا محسوس کرتے ہو۔۔۔تو جب آپ ایسی چھوٹی چھوٹی چیزیں محسوس کر سکتے ہو تو پھر وہ جذبات کی رو کیا ہوئی؟جب آپ مقابل کی بدبو دار سانس یا کرسی کے پہلو سے نکلنے والے کیل جیسی حقیر چیزوں کے وجود سے آگاہ ہوتے ہو تو پھر آپ کو اخلاقی قوانین سے آزاد کیسے قرار دیا جا سکتا ہے؟تو جذبات کی رو کی حقیقت ہے تو بس اتنی کہ ہم ان لمحات سے زیادہ سے زیادہ لطف اندوز ہونے کی خاطر خود پر یہ کیفیت طاری کر لیتے ہیں۔
	اب بہت سے لوگوں کو Lovemakingوالی مثال کے ضمن میں تو میری وضاحت یقیناًسمجھ میں آ گئی ہو گی مگر غصے میں کیسا لطف،کہاں کا مزا؟ایسا نہیں ہے۔غصے سے بھی لطف اندوز ہوا جا سکتا ہے۔سب سے پہلے تو وہ سرخروئی کا احساس جو سینما میں اپنا پہلا شو دیکھتے کسی ہیروئن کو ہوتا ہو گا۔ لوگ اپنی سیٹوں پر اچھل اچھل کر ناچ رہے ہوتے ہیں اور کوئی جذباتی سین آ گیا تو عورتیں دوپٹے سے آنسو پونچھنے لگ جاتی ہیں۔۔۔اگر ان سب کو خبر ہو جاتی کہ ہیروئن تو بس ایک عام سی لڑکی ہے جو یہیں اپنی سیٹ میں دھنس کر بیٹھی ہے اور جسے سکول میں بھدی آواز کا طعنہ سننا پڑتا تھا تو سار ا فسوں ٹوٹ جاتا۔تو غصے کی حالت میں پہلا لطف اپنے سحر کے مکمل ہونے کا ہوتا ہے۔اب دوسرے صرف وہی دیکھ سکتے ہیں جو آپ دکھانا چاہتے ہو۔ اب کوئی آپ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر روح میں چھپے راز نہ جان پائے گا۔ اور پھر غصے میں خون تیزی سے گردش کرنے لگتا ہے،جسم میں توانائی سی بھرنے لگتی ہے۔آپ لوگوں کو جو چاہو کہ ڈالتے ہو۔اور ایسی حالت میں وہ سچ بھی سامنے آ جاتے ہیں جنہیں چھپانے میں لوگ عمریں گذار دیتے ہیں (پر کوئی اس پر اچنبھے کا اظہار نہیں کرتا کیونکہ انہیں خود بھی تو غصے کے دوران اپنے من کا بوجھ ہلکا کرنا ہوتا ہے)۔تو دل سے بوجھ ہٹ جاتا ہے۔ ہم بے وزنی کی سی حالت میں ہوا پہ تیرتے پھرتے ہیں اور Levitationکب انسانیت کا خواب نہیں رہی۔
٭٭٭

منطق کی چابک اور بڑی آنکھوں والی حسینہ

	میرے ہاتھ میں کسی نے منطق کی بے رحم چابک تھما دی اور گھوڑے جیسے کسی مشینی انداز میں سرپٹ دوڑنے لگے۔اتنی تیز کہ کہ گردن گھمانے پر بھی میں انکے سموں سے اٹھتی دھول تک نہ دیکھ پاتا۔
	پھر نجانے کہاں سے ایک بڑی آنکھوں والی حسینہ میرے ساتھ آ سوار ہوئی اور کہنے لگی کہ چلو دیکھتے ہیں کہ تمہارے گھوڑے کتنا تیز بھاگ سکتے ہیں ؟ میں نے چابک گھمائی اور گھماتا ہی چلا گیا۔ گھوڑے اتنی تیز دوڑنے لگے کہ دنیا، انسان، فرشتے سب کہیں پیچھے رہ گئے۔ بس خدا اب میری آنکھوں کے سامنے ایک آخری منزل کی صورت مسکراتا تھا اور میں غیر انسانی قوت سے چابک لہراتا، اس نازنین کی آنکھوں میں کھویا یہ سمجھنے لگا تھا کہ آج یہ منزل بھی سر کر گزروں گا۔
	پر بھول گیا تھا کہ گھوڑے چابک سے نہیں دوڑا کرتے۔ جن سواروں کی نگاہیں راستوں پر نہ ہوں وہ منزل پر نہیں پہنچا کرتے۔ بہت تیز چلنے والوں کو کبھی کبھار اس گرد کا طوفان اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے جسے وہ بہت پیچھے چھوڑ آئے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔کھیل بدل جاتا ہے اور ہم ایک دائرے کی صورت واپس چلنے لگتے ہیں۔ فرشتے، انسان، دنیا سب ہم سے آگے نکل جاتے ہیں۔
٭٭٭

چھاتی پر بیٹھا سانپ

	ایک سوراخ جسے ہمارے مقدر پر چپساں کر دیا گیا ہے۔بس یہ ہے ہماری آزادی کی حقیقت۔آزادی۔۔۔۔۔ہم تو آزادی کے سائے میں بھی رہنے کی سزاوار نہیں۔ہم تو بس سوچتے ہیں کہ ہم آزاد ہیں۔اور اگر کہیں یہ خواب ہی ہمارا ہوتا۔۔۔۔مگر ہم تو اتنے خوش نصیب بھی کہاں ہیں ؟
	یہ ایسے ہی ہے جیسے دیواروں پر چاروں طرف جڑے شیشے ہمیں لامحدود وسعت کا سراب دیں اور ہم ابد تک اس وسیع کائنات میں پر مسرت زندگی گذار دیں۔بس کہیں غلطی سے بھی ہم قدم نہ بڑھا بیٹھیں۔ایسا کیا تو ہم اس برفاب آئینے کو محسوس کر لیں گے جو ہمارا راستہ روکے کھڑا ہے۔ہم گھبرا کر دوسری سمت چلنا چاہیں گے اور وہاں بھی مضبوط آئینے سے ٹکرانے پر ہمارا سر جھنجھنا جائے گا۔۔۔۔آئینے ہمارے آگے ہیں،آئینے ہمارے پیچھے ہیں،آئینے ہمارے چاروں طرف ہیں۔
	کیا اس وجدان کے بعد ہم سانس لے پائیں گے؟یہ میں نہیں جانتا۔ایسی لایعنیت کے بیچ سانس لینا ضروری ہے؟ نہیں مجھے تو یہ بھی نہیں معلوم۔میں جانتا ہوں تو صرف ایک بات۔۔۔۔۔کہ ہم میں سے ہر ایک (اور اس کا مطلب ہے کہ استثنا کوئی نہیں )ان آئینوں کے متعلق جانتا ہے۔ہم انہیں ایسے ہی جانتے ہیں جیسے ہم اپنی اولادوں کو جانتے ہیں۔
	اور یہ آج کی بات نہیں ہے۔ہم بہت دیر سے جانتے تھے مگر ہم کبھی آگے نہ بڑھ سکے۔ہم آگے نہ بڑھ سکے کیونکہ ہم نہیں جانتے تھے کہ اس دریافت کے بعد ہم سانس لے پائیں گے یا نہیں۔۔۔۔۔۔تو ہم نجانے کب سے اس بوجھ کو اٹھائے ہوئے پھرتے ہیں۔۔۔۔۔۔بس اس لئے کہ ہم پر تعیش ہوٹلوں میں چند کھانے اور کھا لیں،مہنگی گاڑیوں میں شہر کی کشادہ سڑکوں پر گھوم سکیں۔ہم اتنا بھاری بوجھ اٹھائے پھرتے ہیں کہ ہم یہ چھوٹی چھوٹی چیزیں کر سکیں۔
	بڑا عجیب لگتا ہے یہ ماننا پر یہ چھوٹی چھوٹی چیزیں ہمارا خدا ہیں۔خدا جو کبھی اتنا عظیم تھا کہ اس کا نام لینے کے لئے مقدس پروہتوں کو کتنی قربانیاں کرنی پڑتی تھیں آج چھوٹی چھوٹی چیزوں میں محدود ہو گیا ہے۔تخلیقِ کائنات کے بعد خدا کی نظریں جہاں اپنے مستقر کے لئے پڑیں وہ انسان کا دل تھا۔خدا کو لگا کہ صرف یہی جگہ اس کے شایانِ شان ہو سکتی ہے۔ لیکن خواہشوں کے آہنی خولوں میں لپٹے دل شاہ دولہ کے چوہوں کے سروں کی طرح چھوٹے رہ گئے۔اتنا کہ خدا کا دل گھبراتا ہو گا۔میں ڈرتا ہوں اس وقت سے جب روحِ عظیم واپس کہیں عرشِ بریں پر چلی جائے اور ہم بے روح جسم ان پنڈتوں اور پروہتوں کے لئے لوبان و سوختنی قربانیاں اکٹھی کرتے رہ جائیں تاکہ اسے پکارا ہی جا سکے۔اگر ایسا ہوا تو انسانیت کی تاریخ میں یہ سب سے بڑی fallہو گی۔جنت سے زمین پر لا پھینکے جانے سے بڑی سزا۔
	تو آج کی دنیا میں خدا کے محدود ہونے سے ہمارے خواب محدود ہو گئے ہیں اور ہم پہلے سے زیادہ کوتاہ نظر ہو گئے ہیں۔ اور کوتاہ بینوں سے بڑھ کر مطمئن کون ہو گا جو ناک کے سامنے بپھرتے خطرے کا وجدان بھی نہیں کر پاتا۔اگر کہیں خوشی اور اطمینان زندگی کا مقصد تھا تو پھر ہم ان لاکھوں سالوں کی تاریخ میں سب سے خوش قسمت نسل ہیں۔
	البتہ یہاں لوگ ایسے بھی ہیں جن کا مسئلہ ذرا مختلف ہے۔انہیں زندگی سے ویسی محبت نہیں ہے جیسی ہم دوسرے بہت سے لوگوں میں دیکھتے ہیں۔ روزمرہ کے معمولات،چھوٹی چھوٹی آسائشات سے انہیں کوئی لگاؤ نہیں ہوتا اور یہ لوگ اتنے عقلمند بھی ہوتے ہیں کہ اپنے اردگرد ایستادہ آئینوں کو جان سکیں۔اور اس کے  لئے انہیں دوسرے لوگوں کی طرح چل کر آئینوں کو دریافت نہیں کرنا پڑتا۔۔۔۔۔۔ان کا مسئلہ کچھ اور ہے۔انہیں بس ایک بات سمجھ نہیں آتی اور یہ پریشان پھرتے ہیں۔۔۔۔۔یہ چھوٹی سی بات کہ کیونکر ایسا آسان معمہ دنیا بھر کے لوگوں کو بیوقوف بنا سکتا ہے۔اس معمے کا حل انکے  لئے بچوں کا کھیل ہے لیکن جب وہ شعور کے اونچے آسمانون سے لوگوں کو ایسے پھندوں میں گرتے دیکھتے ہیں تو پریشان ہو جاتے ہیں۔ اب اس معمے کا حل انسانی منطق کی پہنچ سے ماورا ہے اور اس وجدان کا ناممکن ہونا ہی انہیں اداس رکھتا ہے۔ وہ تکلیف میں رہتے ہیں، بے عملی کے طعنے سنتے ہیں اور کوئی نہیں جانتا کہ وہ ساکت ہیں اس لئے کہ ایک بہت بڑا سوال ان کی چھاتی پر آ بیٹھا ہے۔جیسے سوتے میں اگر ایک فٹ کا سانپ ہماری چھاتی پر چڑھ آئے تو ہم گھنٹوں ساکت لیٹ کر اس کے اترنے کا انتظار کر سکتے ہیں اور یہ سوال تو ہزار  اژدہوں سے زیادہ خونخوار ہے۔۔۔۔۔مگر ہم جو صرف ظاہر کو دیکھ سکتے ہیں اسے بے عملی پر محمول کر تے ہیں۔
٭٭٭

الحمد للہ رب العالمین

	وہ گھاس کا رب ہے، گھاس پر منہ مارتی گائے کا رب ہے، گائے پہ نظریں گاڑے شیر کا رب ہے، شیر کی کھال ڈرائنگ روم میں سجائے انسان کا رب ہے اور قبر میں انسانی جسم کو بڑے سلیقے سے de-composeکرتے microbesکا رب ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وہ ایک جان، ایک گروہ، ایک شہر، ایک دنیا کا رب نہیں، رب العالمین ہے۔
	میرے رب کی کائنات کی مثال ایک سمندر کی سی ہے جس کی حدیں کہکشاؤں سے پرے جاتی ہیں اور جس کے پانی کا ہر قطرہ ایک پوری کائنات ہے۔ کائنات جس میں لاکھوں نہ نظر آنے والے وجود رہتے ہیں۔ ہر ایک وجود اتنا زندہ ہے کہ خواب دیکھتا ہے۔۔۔۔۔۔۔ ہزاروں، لاکھوں، کروڑوں خواب۔ اور ہر خواب ایسا معتبر ہے کہ جس پر خود حقیقتیں ساون کی بارش کی طرح برستی ہیں۔
	مخلوقات کے ان خوابوں کا ایک لامتناہی دریا ہے جو ربِ باری تعالی کے دروازے کی طرف جاتا ہے اور ہر خواب پورا ہوتا ہے۔ ازل سے یہ دریا بہتا چلا آ رہا ہے۔ نہ یہ مخلوق مانگنے سے تھکی ہے اور نہ میرا رب عطا کرنے سے رکا ہے۔ اور اس دریا کے بیچ ان دیکھی حدیں ہیں۔ کسی خواب کو سزاوار نہیں کہ وہ اپنی حد سے باہر نکل کر کسی دوسرے خواب کی گزرگاہ کا حصہ بن سکے اور نہ کسی مخلوق کو اجازت ہے کہ وہ دوسری مخلوقات کے خوابوں کی طلب ہی کر پائے۔
٭٭٭

مرسیڈیز میں بیٹھا ہوا آدمی

	اور حقیقت یہ ہے کہ انسان محض ناظر کے طور پر زندہ نہیں رہ سکتا۔اگر ایسا ہوتا تو ہم ایک ملکۂ حسن کو سامنے لاتے اور تمام دنیا ہمیشہ کے لئے مطمئن ہو جاتی۔پر ایسا نہیں ہوتا ہے۔ہر ایک اس آفاقی حسن کو محض اپنے  لئے محدود کر لینا چاہتا ہے اور جب ایسا ہو نہیں پاتا تو ہم میں سے کئی ایسے ہیں جو دوسری لڑکیوں میں اس حسن کا پرتو دیکھتے ہیں اور اپنی زندگیاں ان کے ساتھ گذار دیتے ہیں۔۔۔۔۔۔کچھ اس طرح کہ ان کا رشتہ کسی زندہ وجود سے نہیں رہتا۔وجود تو انکے  لئے بس آئینے سا ہو جاتا ہے جس میں وہ پرتو دیکھتے ہیں کسی اور حسن کا۔اور کچھ لوگوں کو تو اس کے  لئے وجود کی بھی ضرورت نہیں پڑتی۔وہ بس آنکھیں موند لیتے ہیں اور کسی خواب کے تسلسل میں زندگی گذار دیتے ہیں۔
	ویسے ابھی ہم یہاں سب سے بدقسمت لوگوں سے کہاں ملے ہیں۔یہ وہ لوگ ہیں جو اس ملکہ حسن کو اپنے گھر کی زینت بنا لیتے ہیں۔یہی لوگ ہیں جو اب جان جائیں گے کہ حسن تو ایسی چیز ہی نہیں جسے حاصل کیا جا سکے۔۔۔۔ہم ٹھہرے بدقسمت،کمزور اور محدود انسان۔۔۔۔ ہم بھلا حسن سی ابدی اور لامحدود شئے کو کسیے حاصل کر سکتے ہیں ؟
	ہم تو بس چھوٹی چھوٹی چیزیں حاصل کرسکتے ہیں جیسے کسی عورت کا جسم،جیسے کوئی نئی مرسیڈیز،جیسے پہاڑی کی چوٹی پر بنا کوئی محل۔اور اس سے زیادہ کربناک بات اور کیا ہو گی کہ یہ چیزیں کبھی ان خوابوں کے ساتھ نہیں ملتیں جن سے یہ وابستہ ہوتی ہیں۔آپ نے ایسے اشتہارات تو دیکھے ہوں گے جن میں ایک گلیمرس،ہینڈسم شخص مرسیڈیزچلا رہا ہے اور ایک حسینہ ء قتالہ اس کے پہلو میں بیٹھی ہے۔اس منظر کو دیکھ کر آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ زندگی میں ‘‘کچھ حاصل کرنے’’ جیسے مبہم الفاظ کے پیچھے کیسی خوبصورت تعبیریں چھپی ہوتی ہیں۔آخر ہم میں سے کتنے ایسے ہوں گے جو اس شخص کی جگہ نہ لینا چاہتے ہوں۔
	اور پھر اس سب کے حصول کے لئے آپ ان تھک محنت کرتے ہو۔ آپ کے بالوں میں سفیدی اتر آتی ہے اور پھر وہ دن آتا ہے جب آپ واقعی مرسیڈیز خرید پاتے ہو۔۔۔۔۔اب آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ یہ تو محض ایک کار ہے۔آپ تو وہی ٹوٹے ہوئے،اکیلے اور ناکام شخص ہو۔لیکن آپ نے اپنی زندگی کے وہ قیمتی سال ایک کار کے لئے تو برباد نہیں کئے۔۔۔۔۔ایک کار جو شاید سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر آپ کی کرولا سے تیس سیکنڈپہلے پہنچ جاتی ہے۔۔۔۔۔۔مگر کیا وہ تیس سیکنڈ کی سنسنی آپ کی برسوں کی ریاضت کا متبادل بن سکتی ہے؟
	اب آپ کو عرفان ہوتا ہے کہ آپ خرید محض لوہے کی ایک مشین سکتے ہو۔۔۔۔اعتماد و مسرت نہیں۔ایسے ہی آپ دنیا کا تیز ترین کمپیوٹر خرید سکتے ہو لیکن شعور جو کسی دکان پر نہیں ملتا۔آپ دنیا کی سب سے خوبصورت لڑکی کے ساتھ سو سکتے ہو لیکن اس کی محبت۔۔۔۔۔ہم اتنے خوش نصیب کہاں ہیں ؟
	فطرت کے پاس بہرحال تلافی کے راستے رہتے ہیں (اگر ایسا نہ ہوتا تو اب تک لوگ خوابوں کے پیچھے بھاگنا ترک کر چکے ہوتے)۔ایک چیز جو سارے غصے اور تلملاہٹ کو نگل جاتی ہے وہ یہ ہے کہ نہ چاہتے ہوئے بھی ہم دوسروں کے لئے ایک خواب کا حصہ بن جاتے ہیں۔دوسری آنکھیں ہمیں ایسے دیکھتی ہیں جیسے ہم اور اس ماورائی خواب میں کوئی تفاوت نہ ہو (جیسے ہم کبھی مرسیڈیز میں بیٹھے اس شخص کو دیکھتے تھے)۔ہاں آپ کے لئے یہ اب بھی لوہے کی ایک مشین ہے لیکن لاکھوں لوگوں کے لئے یہ اب آپ کی شخصیت کا حصہ ہے (جیسے آپ کا چہرہ)۔۔۔۔۔۔آپ حسن کو قید نہیں کر سکتے لیکن حسن نے آپ کو قید کر لیا ہے۔اب آپ اس خواب سے مردہ چیزوں کی سی passivityسے جڑے ہو اور بہت سے لوگوں کے لئے (خاص طور پر ابتدائی مایوسیوں کے بعد)یہ ایک ایسا احساس ہے جس کے ساتھ زندگی گذاری جا سکتی ہے۔
	یہی وجہ ہے کہ ہم کامیاب لوگوں کو پر تعیش گاڑیوں میں خوبصورت لڑکیوں کے ساتھ دیکھتے ہیں۔کچھ اس طرح کہ ان کے چہرے اس ادھوری کامیابی پر دمکتے ہوتے ہیں،انکے ہونٹوں پر بڑی گہری مسکراہٹیں اترتی ہیں (مسکراہٹیں جنہیں شاید موت بھی چھین نہ سکے اور دیکھنے والوں پر خواب کی تکمیل کا احساس گہرا ہوتا جائے)۔۔۔۔۔۔ہاں وہ خوش ہیں،مطمئن ہیں اور کامیاب بھی کہ انہوں نے خود کو ایک حقیر، تکلیف اٹھاتے انسان سے خوش و خرم مشین میں ڈھال لیا ہے۔
	یہ ترقی ہے یا تنزلی؟میں اس کا فیصلہ نہیں کر سکتا۔میرے جیسے لوگ گو انسان نہیں رہے لیکن ابھی ہم مشینوں میں بھی تبدیل نہیں ہو سکے۔ہم لوگ کہیں درمیان میں بہہ رہے ہیں۔اور ہماری حالت قابلِ رحم ہے۔کیونکہ ہم میں مشینوں کی سی passivity ہے اور ہم زندہ روحوں کی طرح کرب محسوس کرتے ہیں۔ہم کمپیوٹرز کی طرح پروگرام کئے ہوئے افعال سرا انجام دیتے ہیں اور انسانوں کی طرح رات بھر روتے ہیں۔اب اسے سے زیادہ patheticحالت اور کیا ہو گی؟
٭٭٭

خوف اور میں 

	خوف اور میں بہت دیر سے انگلی پکڑے ساتھ چلے آ رہے ہیں۔ یہ وہ سادہ سی سنسنی نہیں ہے جو آپ اندھیروں میں گھومتے ہوئے یا پھر بے تحاشہ بھونکتے کتے کو دیکھ کر محسوس کرتے ہو۔
	نہیں جناب میں ایسی چیزوں سے کبھی خوفزدہ نہیں رہا۔ بھلا وہ بھوت جو خود کسی انجانے خوف سے پرانے گھروں میں دبکا بیٹھا ہو، وہ اندھیرا جو دو روپے کی موم بتی سے چھٹ جائے، وہ کتا جو ادھ کھائی ہڈی سے بہل جائے۔۔۔۔۔۔۔ مجھے کیسے ڈرا سکتے ہیں ؟
	مگر وہ کتا جو تازہ گوشت سے بھی بہل نہ سکے، وہ بھوت جو نئے گھروں میں رقصاں ہو اور وہ اندھیرا جو ہزاروں وولٹ کے بلب لگانے سے بھی دور نہ ہو۔۔۔۔۔۔۔ خوف کی ایک ممکن وجہ ہو سکتے ہیں۔
	گو ایسا ہوتا نہیں ہے۔ یہ کردار ہمیں عام زندگی میں نہیں ملتے۔ چاہے میں ہزاروں دفعہ اپنے کیلکولیٹر پر دو جمع دو کروں جواب چار ہی آتا ہے، پانچ کبھی نہیں آتا۔ جب بھی اپنی دائیں جیب میں ہاتھ ڈالوں تو گاڑی کی چابی ہی نکلتی ہے سانپ کبھی نہیں نکلا۔ علت و معلول کے اس نظام کو میں نے لاکھوں مرتبہ آزمایا مگر اس لمحے کا خوف کبھی میرے دل سے نہ نکل سکا جب یہ ٹوٹ جائے گا۔ یہ خوف بہت مبہم انداز میں شروع ہوتا ہے اور آہستہ آہستہ یہ آپ کی پوری زندگی پہ چھاتا چلا جاتا ہے اور پھر ایک مقام ایسا بھی آتا ہے جب آپ مزید خوفزدہ نہیں ہو سکتے۔ آپ کہتے ہو کہ بس بہت ہو چکا۔
	ایسے میں لوگ شیروں کی کچھاروں میں کود پڑتے ہیں، ہنستے ہنستے اپنی صلیبوں کو اٹھا لیتے ہیں، خود کو بلند و بالا عمارات سے گرا دیتے ہیں اور چلا چلا کر یہ کہتے ہیں کہ اب مجھے اور خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا۔
	یہ بھی ایک ایسے ہی بے مہر لمحے کا قصہ ہے جب میں خوف کی صورت اپنی آخری پناہ گاہ، مہربان دوست سے بھی محروم ہو گیا۔ اور اصل خطرہ تو اب شروع ہوا تھا۔ یہ ایسے ہی ہے جیسے روزانہ رات کو لیٹتے ہوئے بھیڑیوں کی آوازیں آپ کو سونے نہ دیں اور پھر ایک رات اکتا کر آپ گھر کا دروازہ ہی کھول ڈالو۔ دروازہ جو آپ اور لاتعداد عفریتوں کے بیچ آخری پردہ تھا۔ اب آپ کسی چیز کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہو تو یقیناً اس کی قیمت تو چکانا پڑے گی۔ میں اس میں چھپے خطرات سے آگاہ تھا پر کبھی کبھار آپ بس، گھر میں دبکے نہیں رہ سکتے۔
٭٭٭

دریا کی کہانی

	دریا کی کہانی پانی سے مت پوچھو کہ وہ تو پتھروں سے ٹکراتا، موجوں سے گھبراتا، مجبوریت میں بڑبڑاتا سمندر میں جا گرتا ہے۔ پانی کو کیا خبر کہ دریا کیا ہے؟
	دریا کی کہانی کنارے پہ ہزاروں میلوں تلک آنچل لہراتی سبز شاخوں سے مت پوچھو کہ انہیں تو ہواؤں کی اٹھکیلیوں، پرندوں کی ٹولیوں اور جھینگر سے تان سینوں کی بولیوں سے فرصت ہی کہاں ہے۔ سبز پتوں کو کیا خبر کہ دریا کیا ہے؟
	دریا کی کہانی ہزار برس سے جنم در جنم مچھیرا روپ دھارنے والی بے چین روحوں سے مت پوچھو کہ وہ تو زندگی کے بہلاووں، بوسیدہ کشتیوں کی پناہوں اور میل میں اٹی حسیناؤں کے بے رنگ پہناووں میں اٹکی ہیں۔ ان معصوم مچھیروں کو کیا خبر کہ دریا کیا ہے؟
	تو ایسا کرتے ہیں کہ دریا کی کہانی خود دریا سے پوچھتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پر دریا تو نام ہے دیوانگی سے بہتے پانی، کناروں پہ سرسراتی سبز شاخوں، بڑے بڑے جال پھینکتے مدقوق مچھیروں، ہوا میں اڑتے لاتعلق پرندوں، لکڑی کے ٹکڑوں سے چمٹ کر تیرتی کائی اور پتہ نہیں کس کس شئے کا۔ میں کس سے پوچھوں ؟ دریا کی کہانی تو شاید خود دریا بھی نہیں جانتا۔
	ہاں مگر دور شہر میں رہتا اِک بچہ دریا کی کہانی جانتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔ بچہ جس نے بس اپنی جغرافیے کی کتاب کا سبق بڑی اچھی طرح پڑھ رکھا ہے۔ بچہ جس نے خود کبھی زندگی میں دریا نہیں دیکھا۔
٭٭٭

ایک مسافر جس نے شاہراہ کو چھوڑ دیا تھا۔۔۔۔

	ہمیں ایک سفر پہ چلنا ہے۔ دور بہت دور ملگجی سی منزلوں کی طرف۔ ایک مسافر کے تعاقب میں جس نے بہت دیر ہوئی شاہراہ کو چھوڑ دیا تھا۔ شاہراہ جس پر سب، ایک دوسرے سے پیوست وقت کی طرح بہے چلے جا رہے ہیں۔ نہیں جانتے کہ اگلے موڑ پر کونسے عفریت منہ کھولے کھڑے ہیں، خبر نہیں کہ ان راستوں پہ نجانے کتنے خوابوں کے مقبرے ہیں۔ بس ایک حدت جو ہمراہیوں کے بدن سے اٹھتی ہے اور  یخ بستہ جنگلوں میں پھنکارتا اکیلا پن۔ یہ نہ ہوتا تو شاید سبھی اس مسافر کے پیچھے نکل کھڑے ہوتے۔ اور پھر جنگل میں اتنا شور مچتا، صحراؤں میں ایسے رقص ہوتے کہ وقت سے عاجل کو بھی لمحہ بھر ٹھہرنا پڑتا۔ اور کون جانے وہ کتنی دیر میلے میں مبہوت ہوئی لڑکی کی طرح اس ناٹک کو دیکھتا رہتا؟
	مگر ایسا نہیں ہوا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
	بہت خامشی تھی۔۔۔۔۔۔۔۔۔جیسے کوئی گلاب کی جھولی میں شبنم بھر رہا ہو،
	بڑی ناسمجھی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔جیسے کوئی محبت کر رہا ہو،
	اور ایک بہت بڑی حیرانگی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔جیسے کوئی پہلی بار مر رہا ہو۔
	اس نے اپنے بوسیدہ کوٹ کو جسم کے گرد مضبوطی سے لپیٹ لیا اور پھر ہجوم میں آہستگی سے ایک طرف ہونے لگا۔ کسی نے اسے نہیں دیکھا کیونکہ ہر نظر تو کہیں سامنے لگی تھی۔ اس نے بس ایک مرتبہ مڑ کر دیکھا۔۔۔۔۔۔۔شاید کوئی نظر ڈھونڈتا تھا جس میں لوٹ آنے کی التجا ہوتی۔ اور پھر اس نے کبھی مڑ کر نہیں دیکھا۔ بس آہستگی سے وہ یخ بستہ تنہائیوں کی گود میں اترتا چلا گیا۔ ہمارا سفر اس لمحے کی طرف ہے، اس مسافر کی سمت ہے۔
	اس لئے نہیں کہ وہ کوئی بہت خاص آدمی تھا۔۔۔۔۔۔۔آدمی تو سبھی خاص ہوتے ہیں۔ اس راہگزر کے ہر ذرے میں لافانی کہانیاں چھپی ہیں۔ پر ان سب کا تعلق ماضی سے ہے اور بھیڑ سے جدا ہوتا ہوا وہ شخص ہمارا مستقبل ہے۔ اس کارواں میں چلنے والے ہر اس ذی روح کا مستقبل ہے جو ابھی سوچ سکتا ہے۔ ہمیں جاننا ہو گا۔۔۔۔۔وہ کونسی دیوانگی ہے جو ایک اچھے خاصے بھیڑ میں چلنے والے شخص کو یوں تنہائی کی گود میں لا پھینکتی ہے۔ یہ اور ایسے بہت سے سوالات ہیں ہم جن سے چشم پوشی نہیں کر سکتے۔ تو آئیے ایک سفر پر چلتے ہیں۔ ملگجی سی منزلوں کی طرف۔۔۔۔۔۔ایک مسافر کہ جس نے شاہراہ کو چھوڑ دیا تھا۔
٭٭٭

آزادی کا خواب

	ایک مکھی کو لیجئے۔وہ اپنی تخلیق کے عمل کو نہیں جانتی لیکن بڑے اعتماد سے جئے جاتی ہے۔ایک مکھی اپنے ملک اپنی قومیت کو نہیں جانتی مگر پھر بھی اسے سرحدوں کو عبور کرنے کے لئے کسی پاسپورٹ کی ضرورت نہیں پڑتی۔ایک مکھی ہم سے زیادہ آزاد ہے کیونکہ وہ بہت سوچتی نہیں ہے۔ ہم اتنے ہی قید ہوتے چلے جاتے ہیں جتنا زیادہ ہم اس قید کے بارے میں سوچتے ہیں۔کہیں ایسا تو نہیں کہ قید صرف ہمارے ذہن میں ہے؟
	ایسا ہے نہیں۔ایک مکھی کی بھی حدود ہیں۔وہ بھی گلا سڑا گوشت تو کھا لیتی ہے لیکن سبز پتے نہیں کھا سکتی۔۔۔۔۔ایسا کیوں ہے؟وہی پتے جو لاکھوں دوسرے جانداروں کی غذا ہیں وہ ایک مکھی کو زندہ نہیں رکھ پاتے۔تو وہ مکھی تب تک تو آزاد ہے جب تک وہ انہی چیزوں کو کھاتی رہے جو اس کے کھانے کے لئے بنی ہیں۔وہ تب تک تو آزاد ہے جب تک وہ اپنے predators سے بچنے کے لئے ضروری حفاظتی تدابیر اختیار کرتی رہے (تدابیر جو شاید پرانی مکھیوں نے تجربے سے سیکھیں اور سینہ بہ سینہ اس تک پہنچا دیں یا پھر اس نے خود سیکھ لیں۔ہم اس بحث میں نہیں جاتے)مگر یہ حقیقت ہے کہ وہ اپنی محدود آزادی کو صرف اسی صورت میں استعمال کر پاتی ہے اگر وہ اپنی قید کو سمجھ سکے۔
	تو آزاد کوئی نہیں ہے سوائے اس کے جو اپنی قید کی حدود جانتا ہو۔ وہ شخص جو اپنی دنیا کو جانتا ہو صرف وہی آزاد ہے۔ایک مچھلی اس وقت تک سمندر میں گھومنے میں آزاد ہے جب تک کہ وہ ساحل کو نہ چھو لے۔آزادی کے اس خواب سے ایک تصور جنم لیتا ہے۔آزادی سے نہیں کیونکہ آزادی تو کہیں نہیں ہے۔۔ ایک ایسے وجود کا تصور جو ہر شئے سے آزاد ہے۔ جب ہمارا ذہن بڑے آرام سے اسے سوچ سکتا ہے۔تو پھر کیوں وہ ہو نہیں سکتا؟یہ وہ سوال ہے جس نے بہت دیر ہم انسانوں کو تڑپایا ہے۔آج جو بحث ہم سنتے ہیں کہ مذہب یا سائنس میں سے کون اس سوال کا جواب دے پائے گا تو مجھے کہنے دیں کہ مجھے دونوں ہی سے کوئی بہت امیدیں نہیں ہیں۔
	سائنس نے اپنی حدود کو جان لیا ہے اور وہ ان حدود کے اندر خود کو مکمل آزاد سمجھنے لگی ہے۔ جیسے ایک بیل جسے رہٹ میں جوت دیا ہو وہ اس وقت تک خود کو آزاد سمجھتا ہے جب تک کہ وہ دائرے میں گھومتے رہنا پسند کرے۔لیکن اگر وہ دائرے کو توڑنا چاہے تو ایک زنجیر اسے محسوس ہو گی اور اگر وہ محض رکنا ہی چاہے تو ایک چمڑے کا کوڑا سکی کمر کو ادھیڑ دے گا۔ وہ شاید اپنی آنکھوں پر بندھے خولوں کی وجہ سے دیکھ تو نہ پائے مگر وہ جان جائے گا کہ وہ رک نہیں سکتا۔ وہ دائرے میں گھومنے کے سوا کہیں نہیں جا سکتا۔تو سائنس وہ بیل ہے جو دائرے میں گھومتے ہوئے بھی خود کو آزاد سمجھتا ہے۔
	اور ایک مذہب ہے جوسوچتا ہے کہ اگر وہ اس دائرے کو توڑ نہیں سکتا تو یقینااسے اسی کام کے لئے بنایا گیا ہو گا۔ وہ یقیناً کوئی اہم کام کر رہا ہو گا۔اور ایسے میں اسے اپنے ہی captive سے محبت ہو جاتی ہے۔وہ اس کے مارے گئے کوڑوں پر لذت محسوس کرتا ہے۔وہ اپنے استطاعت سے زیادہ سرعت سے چلنے کی کوشش کرتا ہے۔یہ محبت کی باتیں ہیں۔اور یہ دوسرا روپ ہے۔
٭٭٭

یہاں کبھی روشنی رہتی تھی

	
	وہ اگست کی اِک رات تھی۔نجانے کتنے پتنگے میری بوسیدہ سی کھڑکی سے لگے بیٹھے تھے۔ان مبہوت تماشائیوں کی مانند جو تھیٹر کی بتیاں جلنے پر بھی اپنی نشستوں پہ جمے رہتے ہیں۔لوگ ان کے اردگرد چپس کے پیکٹ، پیپسی کے خالی کین اکٹھے کرتے ہیں لیکن وہ بے حس و حرکت گویا ایک ختم ہوئے کھیل سے جڑے رہتے ہیں۔
	کون ان پتنگوں کو سمجھائے کہ اس بوسیدہ سی کھڑکی سے پرے کوئی روشنی نہیں ہے۔ہاں روشنی کا شائبہ ہے۔۔۔۔۔۔ایک پرانا بورڈ ہے جس پر کسی نے چاقو سے کھو د کر لکھا ہے۔
	’’یہاں کبھی روشنی رہتی تھی
	یہاں کبھی روشنی بہتی تھی‘‘
	اس سے پہلے کہ ان لفظوں سے پھوٹتی ٹھنڈک تمہیں یخ بستہ کر دے۔میری مانو تو دور چلے جاؤ۔اندھیرے کی گود اس سے تو مہرباں ہو گی۔
٭٭٭

وہ مجھے نہیں سمجھتے۔۔۔۔

	وہ یہ کہتے ہیں کہ Skydivingکرتے ہوئے تم آزادی کو اپنے جسم کی پور پور سے پھوٹتے محسوس کرو گے۔ تم پرندے کی طرح ہوا میں تیرتے پھرو گے اور ساری دنیا تمہارے سامنے قحبہ خانے کے دروازے کی مانند کھلی ہو گی۔ تم اپنے جسم میں وہ سنسنی محسوس کرو گے جس کا خواب تمہاری روح ازل سے دیکھتی چلی آر ہی ہے۔
	وہ یہ کہتے ہیں کہ تمہیں اپنے ماضی سے جڑنا ہے تو مصر کے اہراموں کا سفر کرو۔ ان بلند و بالا پتھروں کی ہیبت، اس تکونی عمارت کے اسرار، ان تاریک گزر گاہوں سے چھلکتی روشنی کی کرنیں، فراعنہ کے جواہرات سے لدے خزانے تمہیں تمہارے وجود کی وہ پہچان دیں گے جس کے بنا تم اس بھری دنیا میں اکیلے ہو۔
	وہ یہ کہتے ہیں کہ لاس ویگاس کے جوا خانوں، بہاماز کے سرور انگیز ساحلوں، تھائی لینڈ کے مساج پارلرز، ڈیزائینر ملبوسات کی صورت انہوں نے خوشی کے جن کو گویا ایک خوبصورت بوتل میں بند کر لیا ہے۔ آؤ! قافلوں کی صورت آؤ  اور زندگی ایسی بے حقیقت شئے کے بدلے یہ سب اٹھا لے جاؤ۔ دام تو ہیں ہی گویا کوڑیوں کے مول اور ہم انہیں تمہارے  لئے گفٹ ریپ بھی کر دیں گے۔
	اے سوداگر تیرا کھیل بہت بڑا ہے۔ تیری یہ دنیا بہت حسیں ٹھہری پر مجھے لگتا ہے اتنے سالوں کی آشنائی میں بھی تم جیسے مجھے جانتے نہیں ہو۔
	میرے اجداد میں آج تک کوئی پرندہ نہیں گزرا اس لئے میرے خون میں اس رفعت کی تڑپ ہی نہیں جو تم مجھے دینا چاہتے ہو۔ میرے آبا تو غریب محنت کش لوگ تھے پھر بھلا فراعنہ مصر کے خزانے مجھے میرے ماضی سے کیسے جوڑ پائیں گے؟ 
	میری تاریخ تو یہ ہے کہ پیٹ بھر کا کھانا کھا لیتا یا گھر میں مہینے بھر سے اوپر کا راشن ہوتا یا پہننے کو ایک ساتھ دو نئے جوڑے مل جاتے تو میں بے چین ہو جاتا۔ میری روح پر اتنا بوجھ پڑ جاتا کہ میں سو نہیں پاتا۔ میں بھلا تمہارے جوا خانوں، خوبصورت ساحلوں، مساج پارلرز کا کیا کروں ؟
	میری خوشی کی انتہا تو یہ ہے کہ میں دن بھر کسی کھیت میں پسینہ گراؤں، کسی تپتی بھٹی کے سامنے لوہا کوٹوں، کسی دفتر میں دن بھر فائلوں میں الجھا رہوں یا پھر کسی درخت کی مختصر چھاؤں میں بیٹھے بچوں کو تیسری کا ریاضی سکھاؤں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔اور شام کو جب اپنی ماں کے قدموں میں بیٹھ کر اس کی گود میں سر رکھ دوں تو وہ اپنی بوڑھی انگلیوں کو میرے بالوں میں پھیرتے ہوئے سر آسمان کی طرف اٹھائے اور اس کے دل سے میرے  لئے دعا نکلے۔
٭٭٭

زندگی کو محبتوں،راحتوں، اذیتوں اور مسافتوں میں ماپنا چاہیے

	زندگی کے مدارج میں کوئی Threshold point نہیں ہوتا۔ ایک لڑکی کب عورت بنتی ہے؟ ہم کب بوڑھے ہوتے ہیں، ایسے سوالوں کے جواب کیلنڈروں سے نہیں ملتے۔ 
	میں یہ بھی نہیں کہتا کہ ان کی حدیں کچھ اس طرح ایک دوسرے میں پیوست ہیں کہ انہیں جدا کرنا ممکن نہیں۔۔۔۔۔۔۔۔ نہیں، میرے نزدیک وہ ایک لمحہ ہی ہوتا ہے جب ہم یہ صدیوں سے طویل سفر طے کر لیتے ہیں۔ وہ ایک ساعت ہی ہوتی ہے جب بچہ جوان ہو جاتا ہے، لڑکی عورت بن جاتی ہے، لوگ بوڑھے ہو جاتے ہیں۔ لیکن اگر کوئی ان ماورائی گھڑیوں کا رشتہ صرف ہمارے clock Biological سے جوڑ دیتا ہے تو مجھے کہنے دیجئے کہ انسان ہونے نے اسے کوئی فائدہ نہیں پہنچایا۔
	محسوس کرنے والوں کے لئے زندگی کے جلو میں ان سے بدرجہا طاقتور لمحات موجود ہیں۔ وہ لمحہ جب ایک شکست خوردہ بادشاہ دیوار پہ چڑھتی ہوئی چیونٹی دیکھتا ہے، وہ گھڑی جب نیوٹن کے سامنے سیب آ گرتا ہے، وہ ساعت جب گلی میں لجاتی لڑکی کو دیکھ کر لگے کہ اس کے ساتھ ساری زندگی گذاری جا سکتی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تو سب کچھ بدل جاتا ہے۔
	لیکن یہ اصول سب پر لاگو نہیں ہوتے۔ مائیکل اینجلو اپنی تصویریں اندھی آنکھوں کے لئے نہیں بناتا، Beethoven کی دھنیں بہرے کانوں کے لئے نہیں (خواہ وہ اس کے اپنے ہی کیوں نہ ہوں )، رومی کی شاعری کا مردہ روحوں سے بھلا کیا واسطہ؟ اور ایسے گونگے، بہرے اور اندھے لوگوں کے لئے تو قرآن بھی کہتا ہے کہ ’’ تم انہیں نہیں جگا سکتے‘‘۔
	تو اگر زندگی حیوانی شہوت، افزائش نسل اور موت کے انتظار کا نام ہے تو یقیناً اس  clock Biological  سے مستند کوئی چیز نہیں۔ پر یہ بھی تو ہو سکتا ہے کہ زندگی کوئی اور شئے ہو
	اگر زندگی ایک تلاش ہے تو بدھا نے اس دن جنم لیا جس دن اس نے اپنی سلطنت تیاگ دی۔
	اگر زندگی اطاعتِ یزدانی ہے تو علی کرم اللہ وجہہ اس دن جوان ہو گئے جب انہوں نے دعوتِ حق کو قبول کر لیا۔
	اگر زندگی محبت ہے تو ہم اس دن بوڑھے ہو جاتے ہیں جب محبوبہ کو روتا ہوا چھوڑ کر ماں باپ کی پسند سے شادی رچا لیتے ہیں۔
	اور اگر زندگی تخلیق ہے تو ہم اس صبح مر جاتے ہیں جب ہماری نوکری کا آغاز ہوتا ہے۔
	میں نہیں جانتا کہ زندگی کیا ہے؟ پھر ضروری تو نہیں کہ اس سوال کا ایک ہی ممکن جواب ہو۔ یہ جواب ہر ایک کے لئے مختلف بھی تو ہو سکتا ہے اور مختلف ہونے کے باوجود یکساں طور پر صحیح بھی۔
	میں زندگی کے بارے میں حتمی طور پر کچھ زیادہ نہیں جانتا مگر سقراط کے ہاتفِ غیبی سا اِک مہربان اتنا تو ضرور بتاتا ہے کہ زندگی کیا نہیں ہے؟
	تو میں کہہ رہا تھا کہ زندگی کو سالوں میں نہیں۔۔۔۔۔۔۔۔ محبتوں، راحتوں، اذیتوں اور مسافتوں میں ماپنا چاہیے۔ اور یہ ماورائی لمحے درحقیقت دریا کی مچھلی کی طرح ہوتے ہیں۔ ہاں انہیں پا لینے کا امکان بڑھ جاتا ہے اور جب ہم دریا کے بیچ ہوں، ہماری کنڈیاں موثر و مضبوط ہوں، بہت خامشی ہو، موسم و وقت سازگار ہوں۔۔۔۔۔۔۔۔ پر ہوتا ایسا بھی ہے کسی دریا کنارے کوئی بوسیدہ سی کنڈی پھینکو (جس کے سرے پر پرویا کیچوا کلبلانے سے بھی بیزار ہو) اور ایک بڑی مچھلی ہاتھ لگ جائے۔
٭٭٭


محبت کی قیمت اور قدر


	محبت دیوار پہ جڑا ایک منقش antique دروازہ ہے۔ یہ گزرنے والے ہر شخص کو رکنے، گردن موڑ کر دیکھنے، پھیلتی پتلیوں اور کھلے ہوئے منہ سے تحسین پر مجبور کر سکتا ہے مگر اس کے پیچھے کوئی راستہ نہیں ہے۔۔۔۔۔۔۔پتھر دل حسیناؤں کے دل سے بھی سخت دیوار ہے۔
	تو اس کی قیمت بھلے زر و جواہر کے ڈھیر سے بھی بڑھ کر ہو مگر دروازوں کی دنیا میں اس کی قدر غریب کی جھونپڑی کے باہر لٹکتے اس میلے پردے سے بھی کم ہے جس کو ہٹا کر ایک بکری کا بچہ بھی اندر جا سکتا ہے۔
٭٭٭

کھویا ہوا آدمی

	آسمان پہ تیرتے بادلوں کے کہیں بیچ روشنی کا ایک ہالہ تھا۔ چاند اس کے مرکز میں تھا اور اس کی برف سی روشنی بادلوں سے مل کر بہت سے رنگ پیدا کر رہی تھی۔ رات بہت بیت چکی تھی اس لئے چاروں جانب سناٹا طاری تھا۔ وہی سڑک جس پر دن بھر کوئی لمحہ ایسا نہ ہو گا جب گاڑیاں بھاگتی نہ ہوں اب سنسان تھی۔ میں پتھر کی ایک بنچ پر اکیلا بیٹھا تھا۔ یوں اکیلے بیٹھ کر چاند کو تکنا اس شہر کے لوگوں کا طریقہ نہیں مگر میں۔۔۔۔۔۔۔
	میں بھلا اس شہر میں رہتا ہی کہاں ہوں ؟ایک اور دنیا ہے۔ جس میں بڑے بڑے خوابوں کے محل ہیں،حسرتوں کی تعمیر کردہ بلند و بالا عمارات ہیں اور خواہشات کے بھاگتے ہوئے بے لگام گھوڑے ہیں۔ ایک دنیا جو اس شہر جیسی بے رنگ اور پتھر دل نہیں۔ ایک دنیا جس کے جلو میں بیکراں امکانات ہیں۔میں جیسے کوئی مصور تھا اور وہ دنیا میرا کینوس، میرے رنگ۔ میں جو چاہوں تخلیق کر سکتا تھا۔ اور یہاں۔۔۔۔۔۔۔۔۔اس شہر میں تو سب کچھ پہلے سے ڈھلا،ڈھلایا پڑا ہے۔ ہر ایک شبیہ پتھر کی ہے اور پتھر کہاں خالی ہاتھوں سے شکل بدلتے ہیں۔ 
	تو اپنی دنیا سے میں اس شہر کو ایسے دیکھتا ہوں جیسے زمین پر کھڑا کوئی چاند کو دیکھتا ہو۔ چاند ایک حقیقت ہے مگر اس کے اور ہمارے بیچ پھیلے یہ لاکھوں میل اس سے بھی بڑی حقیقت ہیں۔ کہتے ہیں چاند پر بہت سردی پڑتی ہے،کہتے ہیں وہاں بے وزنی کی کیفیت ہے۔میں سب مانتا ہوں مگر ہمارے بیچ یہ جو بہت فاصلہ ہے نہ،یہ کچھ محسوس نہیں کرنے دیتا۔ میں information age میں رہتا ہوں۔ کتابوں، انٹرنیٹ، اخبارات، زبان خلق سے ہزاروں باتیں سنتا ہوں مگر یہ سب چیزیں اس ایک لمحے کا متبادل نہیں بن سکتیں جس میں کوئی سب حدوں کو چیرتا ہوا چاند پر جا پہنچے۔
	تو یہ شہر بھی میرے  لئے چاند کے جیسا ہے۔ میں اسے جانتا ہوں۔ اس میں رہتا ہوں مگر اسے محسوس نہیں کر سکتا۔بس کبھی کبھی جب فٹ پاتھ پر چلتے ہوئے سر کسی جھکی ہوئی ٹہنی سے ٹکرا جائے،یا پھر پیر بے خیالی میں کسی گڑھے میں جا پڑے۔ ایسے ہی کچھ اور لمحے ہیں جب میں اسے محسوس کرتا ہوں۔ ورنہ تو کسی بوڑھے ہوتے ہوئے پالتو کتے کی طرح یہ ایک کونے میں پڑا رہتا ہے۔ کبھی کبھار نظر انداز کرنے پر تھوڑا چلا لیتا ہے مگر باقی وقت ایک لامتناہی سناٹے میں گزرتا ہے۔ بہت عمر ایک دوسرے کے ساتھ گذارنے کے بعد ہم ایک دوسرے کو بہت حد تک سمجھ گئے ہیں۔
	میں شاید اس شہر کے بارے میں اتنا کچھ نہ لکھتا مگر ایک وقت تھا جب کسی نوخیز پلے کی طرح یہ میرے چاروں طرف دوڑتا پھرتا تھا۔وہ وقت جب میری آنکھیں اسے دیکھتے تھکتی نہیں تھیں۔ میں سوتا تھا تو بہت جلد آنکھ کھلنے کا سپنا  لئے۔وہ وقت جب دنیا ایک لامتناہی امکان کی طرح تھی اور آسمان خدا کے سائے کی طرح۔جب محبت بانسری کے سروں کی مانند روح میں گھلتی جاتی تھی اور جب جسم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔میں نہیں جانتا وہ کیا تھا؟مگر میری رگوں میں ہر وقت ایک پارہ سا بھرا رہتا۔ ایک آگ سی لگی رہتی۔
٭٭٭

انسان ہونے کا حق

	ہم بہت بولتے ہیں۔انسانیت کی صبح سے آج تک ہم اتنا بولے ہیں کہ اس کرہ ارض پر لفظوں کے پہاڑ کھڑے ہو گئے ہیں۔ ایسے پہاڑ کہ معانی کی روشنی بھی ہم تک نہیں پہنچ پاتی۔ یہ پہاڑ اتنے بڑے ہیں اور ہمارے چاروں طرف کچھ اس طرح سے کھڑے ہیں کہ ہمارا دم گھٹتا ہے۔ ان کا سایہ اتنا گہرا ہے کہ ہم نہ چاہتے ہوئے بولتے ہیں۔ ایسے لفظ جن کے کوئی معانی نہیں ہوتے، ایسے لفظ جو ہمیں کسی سچائی تک نہیں پہنچا پاتے، ایسے لفظ جو اندر سے شرمناک حد تک کھوکھلے ہوتے ہیں۔
	اور ارتقا کے لاکھوں سالوں کی خاموش دلیلیں اور تہذیب کے ہزاروں سالوں کے نہ ختم ہونے والے مکالموں کا حاصل کیا ہے؟ ہم نے اخلاقیات پر ہزاروں کتابیں، لاکھوں مقالات، کروڑوں تقریریں کر ڈالی ہیں اور ہم اس بنیادی بات پر ہی متفق نہیں ہو پائے کہ پیٹ بھرنا انسان کا حق ہے۔ حق جو میرے رب نے کھول کر بیان بھی کر دیا ہے کہ رزق کا ذمہ اللہ کا ہے۔ پر ہم جو اس دنیا میں رب کا نور ہیں، اس کے خلیفہ ہیں یہ حق ماننے کو تیار نہیں۔
	کیا فائدہ صدیوں تلک پھیلی اس بحث کا جو ہمیں چھوٹا سا نکتہ ہی نہیں سمجھا پاتی۔ کیا حاصل اخلاقیات کے ان زریں اصولوں سے جب ہماری آنکھوں کے سامنے ایک شخص،ایک خاندان، ایک ملک نہیں ایک پورا براعظم ہی بھوک کے اندھیروں سے لڑتا ہو اور ہم بے حس بیٹھے رہیں۔ 
	ہم اپنے پچاس انچ اس کرین والے ٹیلی ویژن پر افریقہ کا وہ ہڈیوں کا ڈھانچہ دیکھتے ہیں جسے اب انسان کہنا صرف اسی  لئے ممکن رہ گیا ہے کہ اس میں اب بھی میرے رب کی روح کا پرتو باقی ہے تو ہم اس بحث میں پڑ جاتے ہیں کہ HDمیں تصویر کو اس کی پوری جزئیات کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ ’’وہ دیکھو! میں اس بچے کے ہونٹوں پر جما گھاس کا تنکا بھی دیکھ سکتا ہوں۔ مجھے اس بچے سے تھوڑی دور بیٹھے گدھ کی چونچ میں دبا کالے گوشت کا ٹکڑا بھی نظر آتا ہے‘‘۔ 
	کیا فائدہ ایسی نظر کا جب ہم سمجھ ہی نہیں پاتے کہ بچے نے گھاس کو چبانے کی کوشش اس لئے نہیں کی تھی کہ اسے کسی معجزے کا انتظار تھا۔ کہ جیسے وہ سمجھنے لگا تھا کہ بارگاہ ایزدی سے اس پر عافیت کی چادر ڈال دی جائے گی کہ ’’چلو۔ ہم تمہیں انسانوں کی صف سے اٹھا کر چوپایوں کی صف میں ڈال دیتے ہیں کہ ابھی اس بے مہر دھرتی پر گھاس کے کچھ ٹکڑے باقی ہیں۔‘‘۔۔۔۔۔۔۔۔۔ نہیں وہ کسی معجزے کے انتظار میں نہیں ہے وہ تو اتمام حجت کرتا ہے کہ دیکھو ’’میری کوئی انا نہیں ہے۔ میں اپنا انسان ہونے کا حق بھی چھوڑنے پر تیار ہوں اگر تم مجھے کچھ اور سانس جی لینے دو۔ میں گھاس کھا کر جی لوں گا پر کچھ کرو اور مجھے مرنے نہ دو‘‘۔
	اتنی لمبی بحث سے کیا حاصل جب ہم ایک نکتہ بھی سمجھ نہیں پاتے کہ پیٹ بھرنا، زندہ رہنا ہر جان کا بنیادی حق ہے۔ 
٭٭٭

خوف

یہ خوف یقیناً لایعنی ہے کیونکہ
خوف تودوستوں کے بیچ ہوتا ہے۔۔۔۔۔۔انکے چھن جانے کا خوف
	خوف تو اپنے گھر میں ہوتا ہے۔۔۔۔۔۔نکال دیے جانے کا خوف
	خوف تو ہیروں کے ہار کو ہوتا ہے۔۔۔۔۔۔ٹوٹ کے بکھر جانے کا خوف
	خوف تو ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹیوں پر ہوتا ہو گا۔۔۔۔۔۔پھسل جانے کا خوف
	اور بھوتوں کی بستی میں کوئی کس سے خوفزدہ ہو؟ ویرانوں کے چھن جانے کا ڈر کیسا؟کان کی سرد دیواروں سے جڑا ہیرا کیا کھو سکتا ہے؟پاتال سی گہرائیوں سے اور کہاں گریں گے ہم؟
٭٭٭

یہ موت کی کہانی ہے

	یہ موت کی کہانی ہے۔مگر موت وہ نہیں جو انجانے میں ہمارے جسموں پہ آ وارد ہوتی ہے۔۔۔۔۔ جیسے Pompeiiکی بستی پر آن پڑی تھی۔ایسی سرعت سے کہ بستر پر لیٹے شخص کو پہلو بدلنے کی بھی مہلت نہ مل سکی۔۔۔۔۔ موت جو اتنی مہربان ہوتی ہے کہ چشمِ زدن میں روح کے گرد آکاس بیل سی لپٹی حسرتوں،آزمائشوں اور آلائشوں کو اکھاڑ پھینکتی ہے اور ہم بے وزن ہو کر ہائیڈروجن بھرے غباروں کی طرح اوپر اٹھنے لگتے ہیں۔
	نہیں مجھے ایسی موت کی کہانی نہیں لکھنی۔یہ موت تو بڑی سیدھی سادھی ہے۔ اس کے دامن میں کوئی ہیر پھیر نہیں۔اسے ہر شخص سمجھ سکتا ہے۔اورایسے میں سمجھنے والوں کے سامنے جب موت کا فرشتہ آتا ہے تو وہ مسکراتے ہوئے اس کے ساتھ چل پڑتے ہیں۔وہ بشاشت،وہ طمانیت جوexecutionکی رات سقراط کے چہرے پہ رقصاں تھی اس موت کے پر لطف انتظار میں تھی۔ دستوئیفسکی نے ایک جگہ موت کے انتظار کو دنیا کی سب سے کربناک سزا کہا ہے اور وہ غلط نہیں کہتا۔لیکن یہ سچ صرف ان لوگوں کے لئے ہے جو موت کو نہیں جانتے۔ وہ چھوٹے چھوٹے،ڈرے ہوئے،کم فہم لوگ جو ہماری ہر کہانی کا موضوع ہوتے ہیں۔
	مگر موت ایک اور بھی ہوتی ہے۔وہ موت آپ جس کے پروں کی پھڑپھڑاہٹ سنتے ہو۔۔۔۔۔جیسے گھنی رات میں کوئی پکھیرو بڑی تیزی سے آپ کے گرد اڑتا چلا جائے۔آپ اچھی طرح جانتے ہو کہ وہ قریب۔۔۔۔ بہت قریب ہے۔ مگر کیا کریں کہ یہ آنکھیں گہرے اندھیروں میں دیکھ نہیں پاتیں۔آپ بس سمٹ جاتے ہو اور ایک خوف میں لپٹے ہوئے چلتے ہو۔تو یہ دوسری موت جو آپ کے اردگرد اترتی ہے بے معنی نہیں ہوتی۔یہ بادی النظر میں بستی کے کسی دور دراز گھر پہ اترتی ہے مگر ایک شخص کی موت میں بستی کے ہر گھر کو حصہ ملتا ہے۔
	اور یوں ہم اس موت میں حصہ دار بنتے چلے جاتے ہیں جو کسی اور کی تھی۔بالکل ویسے جیسے ہم ماہِ کامل سے بکھرتی روشنی میں حصہ دار بن جاتے ہیں،جیسے ہم مسکراتے بچے کے ساتھ ہر سو پھوٹتی زندگی میں حصہ دار بن جاتے ہیں۔اور یہ سب اس لئے کہ ہم بھیڑیں نہیں ہیں۔مرغیاں نہیں ہیں۔۔۔۔۔ وہ جن کے سامنے انکے ساتھیوں کی گردنیں تن سے جدا ہو جاتی ہیں اور وہ خوراک میں جتی رہتی ہیں۔ نہیں ہم مختلف ہیں۔یہاں میں نہیں کہ سکتاکہ ہم ایسے کیوں ہیں ؟ایسے جواب مجھ جیسے انسانوں کوسزاوار نہیں۔مجھے تو میرے مالک نے بس اتنا سمجھنے پر قادر کیا ہے کہ چیزیں ایک سی نہیں ہوتیں۔
	’’اور کیا علم والے اور جاہل برابر ہو سکتے ہیں ؟‘‘
	یہی میرے علم کی انتہا ہے۔مجھے چیزوں کی ماہیت کا علم نہیں بخشا گیا۔میرا علم توبس ناموں تک محدود ہے۔۔۔۔۔ ظاہری خصوصیات کا علم ہے۔
	توہم لوگ اس موت میں حصہ دار بن جاتے ہیں کیونکہ ہم لاتعلق نہیں رہ سکتے۔۔۔۔۔ہم لاتعلق نہیں رہ سکتے گو ہم اس کے  لئے کوشش بہت کرتے ہیں۔ہم رات گئے دفتر سے لوٹتے ہوئے سڑک پرکسی مزدور کی لاش دیکھتے ہیں جسے غالباً کوئی گاڑی والا مار کر بھاگ گیا ہے۔یہاں آپ رکنا چاہتے ہو۔اس کی مدد کرنا چاہتے ہو۔کسے خبر کہ سانس کی ڈور ابھی تک بندھی ہو۔اور کچھ نہیں تواس کی لاش کو ہسپتال تک تولے جا سکتے ہو۔اسے کم از کم اتنی توقیر تو دلوا سکتے ہو جو ایک زندگی کا حق ہے۔آپ بہت کچھ کر سکتے ہو۔
	لیکن آپ کچھ بھی کر نہیں پاتے۔گاڑی کو ہلکا سا موڑتے ہوئے اس کے قریب سے نکال کر لے جاتے ہو۔برائے مہربانی یہاں کوئی صفائی پیش نہ کی جائے۔مجھے کسی وضاحت کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ میں اچھی طرح سے جانتا ہوں کہ آپ نے ایسا کیوں کیا۔میں جانتا ہوں کیونکہ اگر وہاں آپ کی جگہ میں ہوتا تو بالکل ایسا ہی کرتا۔
	میں ہماری اس بے حسی کو سمجھ سکتا ہوں مگر یہ ماننے کو تیار نہیں ہو ں کہ ہم یونہی وہاں سے نکل جائیں گے۔نہیں جناب ! وہ موت جوسڑک پر پڑے اس آڑھے ترچھے جسم پہ اتری تھی اس میں ہمارا بھی حصہ ہے۔جیسے ہر وہ صدا جو کسی خاص شخص کے لئے بلند ہوتی ہے اس میں بہت سے دوسرے لوگوں کا حصہ ہوتا ہے۔۔۔۔۔غیر متعلق لوگ جو اِسے ignoreکرنے کے لئے کوئی بھی حربہ استعمال کر گزرتے ہیں یا پھر وہ تجسس میں ڈوبی گھریلو عورتیں اِسے اپنی پسند کے معانی پہناتی جاتی ہیں۔صورتحال کوئی بھی ہو مگر آواز کاspilloverہوتا ہے۔ایسے ہی جیسے جب ایک عورت اپنے محبوب کے لئے بنتی سنورتی ہے اور ہزاروں دل مسوس کر رہ جاتے ہیں۔
	تو موت کا بھی spilloverہوتا ہے۔
	’’ایک آدمی کی موت ساری انسانیت کی موت ہے۔‘‘ الہامی کتابوں کے ایسے جملوں کی منطق ہم پر معانی کے نئے جہاں وا کرتی نظر آتی ہے۔۔۔۔۔تو ایسا ہوتا ہے کہ ہر آدمی کی مو ت کے ساتھ ہم سب تھوڑے تھوڑے مرتے جاتے ہیں۔وہ موت جو عراق کے صحراؤں میں اترتی ہے یا انڈونیشیا کے جزیرے جس کی پھڑپھڑاہٹ سنتے ہیں وہ پوری دنیا کی تقدیر بدلنے کی طاقت رکھتی ہے۔
٭٭٭

کچھ خواب اتنے بڑے ہوتے ہیں  کہ حقیقت بننا جن کی مجبوری ہوتی ہے

	لیکن منزل مشکل ہونے کا مطلب یہ تو نہیں کہ آپ سارے خواب آنکھوں سے نچوڑ پھینکو۔نہیں ایسے میں تو خواب اور بڑھ جاتے ہیں۔اتنی تیزی سے جیسے سفیدے کے درخت بڑھتے ہیں،جیسے بارہ تیرہ سال کے لڑکے بڑھتے ہیں اور پھر یہ خواب آہستہ آہستہ دن میں اترنے لگتے ہیں۔شروع شروع میں یہ بڑی جھجھک کے ساتھ آنکھوں کی درزوں سے جھانکتے ہیں جیسے باہر کی روشنی میں ان کی آنکھیں چندھیا جائیں گی اور پھر یہ نوجوان لڑکی کی آنکھوں کی طرح نڈر ہو جاتے ہیں۔۔۔۔۔لڑکی کی آنکھیں جو ایک ساعت کے لئے اپنے دروازے کی درز سے جھانکتی ہیں اور پھر گھر کی خاموشیوں میں گم ہو جاتی ہیں۔۔۔۔۔لیکن اس ایک پل میں وہ روتے بسورتے بچے،کتھان سلک کی قمیض پہنے جاتی عورت کی کڑھائی کا ڈیزائین،محبتوں کے بازار لگائے لڑکے سب دیکھ لیتی ہے۔۔۔۔۔۔صرف ایک نظر میں۔برسوں کی ریاضت نے ان آنکھوں کو بہت طاقتور کر دیا ہوتا ہے۔اتنا طاقتور کہ اگر کوئی راہگیر ان میں جھانک لے تو ہمیشہ کے لئے اسیر ہو جائے۔
	تو یہ خواب دن میں اتر آتے ہیں اور گلی کے بچوں کی طرح ہمارے چاروں طرف شور مچاتے ہوئے بھاگتے ہیں۔۔۔۔۔گلی کے بچے جو اپنے قریب سے گزرنے والے ہر اجنبی کو بڑے غیر محسوس طریقے سے اپنے کھیل میں شامل کرتے چلے جاتے ہیں۔اگر یہ کرکٹ کھیلتے ہوں تو ان کی گیند سے بچنے کے لئے لوگ اپنے سروں کو جھکا کر اور جسموں کو سمٹا کر چلتے ہیں۔اگر بھاگ کر پکڑ لینے کا کھیل ہو رہا ہو تو بچے ان اجنبیوں کے جسموں کے پیچھے آ کر جھکائی دیتے ہیں اور پکڑنے والے کی پہنچ سے دور نکل جاتے ہیں۔ پانی کے پستولوں سے ایک دوسرے پر رنگ دار پانی پھینک رہے ہوں تو گزرنے والے ہر شخص کے کپڑوں پر چھینٹے گریں گے۔
	تو کوئی بھی اس کھیل کے سحر سے بچ نہیں سکتا۔آپ لاکھ انہیں صلواتیں سنا ڈالو،لاکھ جھلاتے ہوئے چلے جاؤ۔۔۔۔مگر انہیں دیکھ کر کہیں دل کے اندر کوئی بچہ مسکراتا ضرور ہے۔بچہ جو ان کے ساتھ کھیلنا چاہتا ہے،ہنسنا چاہتا ہے۔اور ایسے میں لوگ بچوں سے بلا پکڑ کر چھکے بھی لگا دیتے ہیں، اپنے پیچھے چھپے بچے کو کاندھوں پر بٹھا لیتے ہیں جہاں پکڑنے والا اسے ہاتھ تک نہیں لگا پاتا،رنگدار پانی سے بچوں کو بھگو دیتے ہیں۔
	اور کچھ خواب اتنے بڑے ہوتے ہیں کہ انہیں آنکھوں میں قید نہیں کیا جا سکتا۔شرارتی بچوں کی طرح وہ آپ سے دور بھاگ جاتے ہیں۔شہر کی سڑکوں پہ دوڑے چلے جاتے ہیں، لہلہاتے کھیتوں کے بیچ اٹھکیلیاں کرتے ہیں،اونچے پہاڑوں میں کہیں دریاؤں کے سوتے ڈھونڈتے پھرتے ہیں۔
	کچھ خواب اتنے بڑے ہوتے ہیں کہ حقیقت بننا ان کی مجبوری ہوتا ہے اور اس حقیقت میں ڈھلنے کے لئے وہ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔آپ کی ماں کی آنکھیں چوکھٹ پہ رستہ دیکھتے دیکھتے بوڑھی ہو جاتی ہیں، آپ کی بیوی سولہ سنگھار کئے آپ کے سامنے بیٹھی رہ جاتی ہے اور آپ اسے ’’تم بہت خوبصورت ہو‘‘سا سادہ جملہ بھی نہیں کہ پاتے،آپ کے بچوں کی آنکھوں میں یتیموں کی سی حسرت ناچتی ہے۔
	تو حقیقت میں ڈھلنے کے لئے وہ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔دوسروں کا تو ذکر ہی کیا ہے یہ منہ زور سیلاب تو آپ کو بھی بہا لے جائے گا۔۔۔۔۔کچھ اس طرح کہ کنارے کے پتھروں پر آپ کے ہاتھ پھسلتے رہیں گے،آپ کی کراہیں جنگل کے سناٹے میں چھوٹی چڑیوں کی طرح پھدکتی پھریں گی اور بس لہو کی ایک مٹتی ہوئی لکیر آپ کی سمت کا پتہ دے گی۔
	اور پانی پر بھلا یہ لکیریں کتنی دیر ٹھہر سکتی ہیں۔ابھی ایک تند موج آئے گی اور سب نشان مٹ جائیں گے۔۔۔۔۔خود آپ کے  لئے بھی یہ جاننا ناممکن ہو جائے گا کہ آپ کہاں سے آئے ہو؟
	تو خواب اس عیار قاتل کی طرح ہوتے ہیں جو اپنے جرم کے سب نشان مٹاتا چلا جاتا ہے۔ہم ہمیشہ یاد رکھتے ہیں ان achievementsکو جو خواب ہمیں دلاتے ہیں اور کتنی آسانی سے وہ سب کچھ بھول جاتے ہیں جو اس راہ میں کھو جاتا ہے۔ہم دیکھ سکتے ہیں کہ آج ہمارے پاس دو کنال کا گھر ہے،تین گاڑیاں ہیں۔مگر ہم نہیں دیکھ سکتے وہ ہنسی جو کبھی ہمارے آنگن میں نہ اتر سکی،ہم سمجھ نہیں پاتے وہ ماورائی گیت جو بس ہمارے  لئے لکھے گئے تھے۔
	ہم اس بڑے گھر کے ڈرائینگ روم میں قیمتی صوفوں میں دھنسے سگار پیتے ہیں،بڑی آسودگی سے اپنے کامیاب بچوں کی طرف دیکھتے ہیں اور ایک لمحے کے لئے بھی ہمیں اپنے خوابوں پر غصہ نہیں آتا۔۔۔۔۔۔منزل پر پہنچنے کے بعد بھلا کون سوچتا ہے کہ کتنے کیڑے مکوڑے اس کے قدموں کے تلے کچلے گئے۔تو وہ یقیناآسودہ رہ سکتے ہیں مگر شاید ہمیشہ نہیں۔
	ایک وقت آتا ہے جب وہ تھکنے لگتے ہیں۔جسم کی آگ مدھم ہونے لگتی ہے۔انہیں خبر ہوتی ہے کہ وہ اب اور بھاگ نہیں سکتے۔ایسے میں وہ خواب دیکھنا بند کر دیتے ہیں اور ساتھ ہی ان کے گرد ایستادہ کائنات دھڑام سے آ گرتی ہے۔سب کچھ بدلنے لگتا ہے۔وہ اپنے گھر کے سب سے چھوٹے کمرے میں منتقل کر دیے جاتے ہیں (کسی نہ کسی طرح اس گھر کے کسی دوسرے اہم فرد کو ان کے بڑے کمرے، ان کی قیمتی گاڑی کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے)۔پہلی دفعہ انہیں اپنے بچوں کے چہروں کے پیچھے دبکے خوف دکھائی دیتے ہیں۔
	وقت کے ساتھ یہ کرب بڑھتا رہتا ہے۔ہمیں خبر ہوتی ہے کہ ہم تو بالکل بھی مطمئن نہیں تھے۔بس جیسے آپ ہیروئین پیتے ہو تو گندی نالی سے اٹھنے والی بو، آپ کے پھٹے ہوئے کپڑے،آپ کی ہتھیلیوں پر لگے زخم سب کہیں چھپ جاتے ہیں۔کائنات زیادہ خوبصورت، زیادہ رنگیں،زیادہ زندہ ہو جاتی ہے۔اور پھر ایک دن جب آپ کہیں سے ہیروئین نہیں ڈھونڈ پاتے تو آپ کو خبر ہوتی ہے کہ دنیا کتنی سفاک حد تک بدصورت ہے۔خوابوں کا نشہ ٹوٹنے پر حیرت و حسرت اس سے سوا ہوتی ہے۔
٭٭٭

خوشی کی ماہیت کا علم

	اپنے آپ سے مکالمہ کوئی آسان بات نہیں۔ایسے میں آپ دیکھو گے کہ لوگ کتنے خوفزدہ ہو جاتے ہیں۔کتنا ڈرتے ہیں اپنے آپ سے بات کرتے ہوئے۔گو ظاہرا وہ اسے غیر ضروری کہ کر دھتکار دیں گے پر سچ یہی ہے کہ وہ اپنے آپ کا سامنا نہیں کر سکتے۔وہی سوال جو یہ لوگ شعورِ زمانہ پر ٹھونس دینا چاہتے ہیں وہی سوال یہ اپنے دل میں نہیں اٹھا سکتے۔
	مجھے یقین ہے کہ ابتدائے آفرینش میں ہم اکیلے تھے اور ایسے میں ہم نے خود سے یقیناً بہت سی باتیں کی ہوں گی (میں کیسے مان لوں کہ انسان خاموش بھی رہ سکتا ہے۔۔۔۔۔بالکل خاموش۔اتنا کہ سوچوں کے بھنور میں مکالمے نہ چلتے ہوں،ہمارے لب کوئی گیت نہ گنگناتے ہوں۔۔۔۔۔اگر ایسا ممکن ہے بھی تو اس کے واسطے ہندو جوگیوں کی سی ریاضت درکار ہو گی۔یہ عام آدمی کے بس کا روگ نہیں۔اگر یقین نہیں آتا تو یہ کتاب بند کر دیجیئے اور آنکھیں موند کر دیکھیے کہ مکالمہ چلتا ہے یا نہیں۔ان جوابات کو جانے دیں جو آپ کو طوعاً کرہاً اپنی بیوی بچوں کو دینے ہوں گے مگر کیا آپ کے اندر سوال در سوال،جواب در جواب کا سلسلہ نہیں چل رہا۔۔۔۔۔۔تو خاموشی کہیں نہیں ہے۔)
	اور پھر ارتقا کے ان گہرے اندھیروں میں کچھ ہوا کہ ہم نے اس خوبصورت چیز سے کنارہ کشی کر لی۔اور شاید اس کی کوئی مثبت وجہ ہی ہو گی۔جیسے کسی زیادہ دلچسپ،زیادہ علم والے،زیادہ مدلل شخص کو سننا اور پھر اسے بہت عظیم۔۔۔۔۔۔حرفِ آخر سمجھ کر اپنی سوچوں کو اس کے مقابل نہ لا پانا۔محض اس خیال سے کہ شاید ہم اس سے جیت نہ سکیں۔جیت کے ساتھ ہمارا جنون کی حد سا یہ رشتہ ہمیں اپنی تذلیل سے لطف اندوز ہونے سے روک دیتا ہے۔۔۔۔لیکن ہم ہر مرتبہ تو جیت نہیں سکتے۔کوئی بھی ہر دفعہ جیت نہیں سکتا۔سو واحد حل یہی نکلا کہ اس مسابقت کو ہی ہمیشہ کے لئے ختم کر دیا جائے۔
	یقیناایسا ہی ہوا ہو گا اور ہم نے اپنے آپ سے مکالمہ کرنا بند کر دیا۔اپنے یقین اور اعتماد کی بلند و بالا فصیلوں کے پیچھے اب ہم آزاد تھے کہ منطق کے تیروں سے ہر نہتے مقابل کو چھید سکیں۔
	یقیناً آغاز میں ہم با شعور تھے۔سو ہم اس ہتھیار کو استعمال کر لینے سے پہلے ہر ممکن حفاظتی اقدامات کر لیتے تھے۔کیونکہ ہم جانتے تھے کہ افریقی قبائل کے ہتھیارBoomerang کی طرح یہ پلٹ کر ہمیں بھی زخمی کر دینے کی اہلیت رکھتا ہے۔۔۔۔۔تو تب ہم ہمدرد،منطقی اور کامیاب لوگ تھے۔لیکن اپنی ذات کوimmunity دینے کے عمل نے ہمیں نڈر، جذباتی اور بے رحم بنا دیا۔اب با شعور ہونا کوئی ضروری نہیں تھا۔اب احتیاط کا دامن بھی چھوڑا جا سکتا تھا۔ اس نئے عہد کے تقاضے یکسر مختلف تھے۔ اب ہمارے ہتھیاروں کو زیادہ سے زیادہ اذیت ناک ہونا چاہیے،زیادہ سے زیادہ تکلیف دہ،زیادہ سے زیادہ مہلک۔۔۔۔۔اور ایسے میں جب ہم سچائی کی فتح جیسے سراب دیکھتے ہیں تو سچائی ایک خوبصورت، مہربان پری سے کسی بے رحم عفریت میں ڈھل جاتی ہے اور یہ سب صرف اس لئے کہ ہم نے خود سے مکالمے جیسا سیفٹی والو نکال پھینکا ہے۔
	حضرت عیسیٰ ہمیں یہی نکتہ سمجھا رہے تھے جب انہوں نے پہلا پتھر اسے مارنے کو کہا جس نے خود کبھی گناہ نہ کیا ہو۔وہ وہاں خدا کے ابدی قوانین کو بدلنے کے لئے نہیں آئے تھے (کسی میں یہ طاقت نہیں ہے)اور انہوں نے تو کئی بار برملا کہا کہ ’’میں شریعتِ موسوی کا پابند ہوں۔‘‘وہ تو بس مدد کر رہے تھے کہ ہم چیزوں کو صحیح انداز سے دیکھ سکیں۔سچائی کبھی تکلیف دہ اور تلخ نہیں ہو سکتی اگر ہم خود سے مکالمہ کرتے رہیں۔اگر ہم ہر سوال کو پہلے اپنے دل میں اٹھائیں تو شاید ہم دوسروں کے جوابوں کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
	ایک شخص نے حضرت محمد سے بہترین مسلمان کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ’’وہ جو اپنے  لئے وہی پسند کرے جو اپنے بھائی کے لئے۔‘‘لیکن اگر ہم خود نہیں جانتے (یا جاننا نہیں چاہتے)کہ ہمیں کیا پسند ہے تو ہم اپنے ہمسائے کے لئے کیا کر سکتے ہیں ؟پہلے اپنے دل سے پوچھو کہ تمہاری رغبت مالِ حرام سے حاصل کردہ سامانِ تعیش میں ہے یا پھر حلال کی روکھی سوکھی میں۔۔۔۔۔۔اور اگر کہیں تمہارا دل پہلا جواب دیتا نظر آئے تو پھر ہمسائے کا مالِ حرام بھی تمہارے  لئے مقدس ٹھہرتا ہے۔اب تمہیں کوئی حق نہیں پہنچتا کہ تم دبے لفظوں میں بھی اسے مطعون کر سکو۔ہم میں سے کتنے ہیں جو تنہائی میں بیٹھ کر سوچ سکیں اور اپنے جذبات کو منطق و مذہب کی کسوٹیوں پر پرکھ سکیں۔۔۔۔۔جیسا ہم دوسروں کے ساتھ ہر روز کرتے ہیں۔اگر ہمیں خوشی کی ماہیت کا علم درکار ہے تو ہمیں ان سمتوں میں سوچنا ہو گا۔
٭٭٭

اہرام کی اینٹ

	اس سب کو ایک pyramid کی طرح جانو۔جس میں ہر شخص،ہر اینٹ،ہر آواز،ہر خیال ایک اکائی ہے۔اور یہ سب ایک دوسرے سے اتنے مختلف ہیں کہ ہم اس unity in diversity کا تصور ہی نہیں کر سکتے۔یہ ایسے ہی ہے جیسے مونا لیزا کو electronic microscope   کے نیچے رکھ کر دیکھنے لگیں۔ہمیں مختلف رنگوں کی ماہیت کا پتہ چلے گا۔بہت سے پیچیدہ اجزا نظر آئیں گے اور اگر کبھی کوئی ایسا ہو جس کی نظر وہ خوردبین ہی ہو تو کیا وہ کبھی مونا لیزا کا مقصد،اس کا حسن،اس کی منطق جان سکے گا؟ہم سب اس دنیا کے pyramidمیں ایک اینٹ ہیں۔اور ایک عہد،ایک زمانہ،ایک تہذیب جو بھی  intelligent unit   تصور کیا جا سکتا ہے اس کی حیثیت ایک تہہ کی طرح ہے۔اہرام کی بنیادوں میں لگی اینٹ اس کی ہیبت،شان و شوکت اور بلندی کا اندازہ نہیں کر سکتی۔وہ اندازہ کر سکتی ہے تو اس ایک احساس کا،اس بے پناہ بوجھ کے  respective share کا۔
	ایک اینٹ جو اپنے اوپر ایک اپنی ہی جیسی اینٹ دیکھتی ہے۔جس کی شباہت،جس کی رنگت،جس کی سختی سبھی کچھ عقل میں آنے والا ہے۔جسے وہ اپنے حواس سے محسوس کر سکتی ہے۔مگر وہ حیران ہے اس بے پناہ بوجھ۔۔۔۔۔اس ناقابل برداشت دباؤ پر جو وہ اوپر والی اینٹ اس پر ڈالتی ہے۔
	ہم بھی ایسی ہی ایک دنیا میں رہتے ہیں۔ہماری عقل،ہمارے حواس اس مادی کائنات کی ایک بہت خوبصورت توجیہہ کر سکتے ہیں۔مگر ایک انکار کی آواز جو ہر سمت گونجتی محسوس ہوتی ہے۔ایک بڑے مقصد کا وجدان جس کا دباؤ ہمیں کچلے دیتا ہے۔
	ایک اینٹ کے  لئے یہ ممکن نہیں کہ وہ اس بوجھ کو نظر انداز کرتے ہوئے کسی پتے کی مانند تیرتی پھرے اور جب اس اہرام کو ہر طرف سے دیکھ ڈالے تو اسے خبر ہو کہ وہ کتنے اہم،کتنے بڑے مقصد کا ایک حصہ ہے۔مجھے یقین ہے کہ اس اہرام کے ایک دیوانہ وار طواف کے بعد وہ ایک ناظر کی بجائے اس شاہکار قدرت کا حصہ بننا پسند کرے گی۔وہ تیرتی ہوئی اپنی جگہ پر آ لگے گی۔اور رجز پڑھے گی اس معمار کے جس نے اسے ٹھیک جگہ پر پیوست کیا۔وہ کسی نے کہا نہ کہ ایک اینٹ بھی اپنے سے بڑھ کر کچھ بننا چاہتی ہے۔اور اس کی یہ خواہش پوری ہو گئی۔اب وہ اپنی جگہ کبھی نہ چھوڑنا چاہے گی۔وہ نہیں چاہے گی کہ وقت کی آندھیاں اسے پتوں کی طرح اڑاتی پھریں۔اس کی اس خواہش کا وجدان کر کے اسے معمار نے گارے اور چونے سے اردگرد کی اینٹوں کے باہم رشتوں میں جکڑ دیا۔اب وہ اپنی جگہ مقید ہے۔مگر اسے کبھی بھی کسی زنداں،کسی تنگی کا احساس نہ ہو گا۔
٭٭٭

کہانی کار

	ہم لوگ وقت کو معین رفتار سے چلنے والی سوئیوں سے ماپتے ہیں، ایک کوزے میں زرہ زرہ گرنے والی ریت کا تصور باندھتے ہیں،کائنات کے دل میں چھپی ایک غیر مرئی گھڑی کو لازم گردانتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔ اور یوں اکڑے ہوئے پھرتے ہیں جیسے ہم نے کوئی عفریت بانہوں میں جکڑ رکھا ہو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ عفریت جو ہر ساعت آزاد ہونے کو مچلے جاتا ہے۔ جو Proteus کی طرح ہر لمحہ اپنی ہیئت بدل سکتا ہے، عفریت جو بہت طاقتور اور تیز رو ہے مگر ہم گویا اس کی رفتار سے بھاگنے پر قادر ہیں۔
	وقت زندگی کی عمومیت سے بہت بالا ایک ماورائی دنیا کے خواب کی طرح ہے۔ اس شاہراہ کی طرح جو ہمارے قدموں سے لپٹی ہے مگر اس کا دوسرا سرا انجانی بستیوں تک پھیلا ہے۔ وہ بستیاں ہم جن تک کبھی نہ پہنچ پائیں گے۔ جہاں بہت ممکن ہے کہ ہمارے جیسے لوگ رہتے ہوں پر وہ سب کہانیوں کے کرداروں کی طرح سطحِ زمین سے ذرا اوپر تیرتے رہتے ہیں۔ ہر کہانی ایک ڈور کی طرح ہوتی ہے جس سے کھنچ کر یہ کردار ہماری زندگیوں میں اتر آتے ہیں۔ ہم جو آنکھیں بند کئے شاہراہ کے آغاز پر کھڑے رہتے ہیں۔ ایسے میں کبھی کبھار ہوا کے بے نیاز جھونکے محیر العقول چیزوں کو آپ کے اتنے قریب لے آتے ہیں کہ آپ ان کی سرگوشیاں بھی سن سکتے ہو لیکن عام حالات میں تو آپ بس حقیقت کو خود سے چمٹائے رکھتے ہو جیسے کوئی بچہ اپنے پسندیدہ کمبل کو چمٹائے رکھتا ہے۔
	تو ایک بہت بڑا کہانی کار ہے جو بڑی شدت سے آپ کے گرد ایک انجانی دنیا بھرتا چلا جاتا ہے۔ زندگی سی عمومیت سے بہت بالا ایک ماورائی دنیا۔۔۔۔۔۔
	جیسے کسی شہزادی کا سوئمبر ہو
	جیسے بہت بڑی جنگ کا منظر ہو
	جیسے خونخوار درندہ نہتے راہگیر پر دوڑا چلا آئے
	ہم اس دنیا میں پوری طرح پیوست ہوتے چلے جاتے ہیں، کہانی سے جڑتے چلے جاتے ہیں۔ ہماری آنکھیں کہانی کار سے آگے دیکھنے کو مچلے جاتی ہیں۔ اس شہزادے کو کھوجتی ہیں۔ جو سوئمبر کی ناممکن العمل شرائط کو پورا کر سکے۔  اس David کو دیکھتی ہیں جوGoliath سے پہلوانوں کو زیر کر دے۔ بڑی بیتابی سے گھنے جنگل میں درندے سے بچنے کا راستہ سوچتی ہیں۔
	اور ایسے میں کہانی کار ایک عام آدمی کو  لئے آگے بڑھتا ہے۔
	عام آدمی جو دور ٹنگی انگوٹھیوں میں سے تیر گذار دیتا ہے۔
	جس کی غلیل آہنی زرہ میں بھی کمزور مقامات بھانپ لیتی ہے۔
	جس کے تعاقب میں بھاگتا درندہ ان دیکھے پھندے میں جا گرتا ہے۔
	یہاں انجام ہمیشہ دادوتحسین کے ڈونگرے ہوتے ہیں۔ تحسین جو ہمارے دل کی گہرائیوں سے نکلتی ہے۔ تحسین جو اس لئے ہوتی ہے کہ ان عام آدمیوں کے بیچ ہمیں اپنا پرتو نظر آتا ہے۔ زندگی کی بے مقصد مشقتوں کے بیچ بہشت کا خواب جاگتا ہے۔ اور زندگی بھلا ہے ہی کیا۔۔۔۔۔غیر ضروری، چھوٹے چھوٹے، بے حقیقت کام۔۔۔۔۔۔ ہم انسان جنہیں سرانجام دیتے ہوئے کیڑے مکوڑوں کی طرح مرتے رہتے ہیں َ۔ بس ایک کہانی کار ہی ہمیں ایسی پست زندگی کے بوجھ سے آزاد کروا سکتا ہے۔
	اور وقت جیسے اس کہانی کار کا سب سے خوبصورت افسانہ ہے۔ ایک ایسا فسوں ہے جسے بہت بڑے ساحر نے ہمارے گرد پھیلا رکھا ہے۔ اس فسانے کی زنجیریں سونے کی مانند چمکدار ہیں۔ یہ شاید بہت مضبوط نہیں ہیں مگر ہم لوگ انہیں بیش قیمت جان کر اتنی شدت سے خود سے لپٹائے بیٹھے ہیں کہ ہر فرار ناممکن نظر آتا ہے۔ پتہ نہیں کیوں ہمیں لگتا ہے جیسے ہم نے اپنی گھڑی کی بوتل میں کسی بے پناہ طاقت والے جن کو قید کر رکھا ہو اور اسے ہم اپنی بہت بڑی کامیابی بھی سمجھتے ہیں۔
	پر ہم میں سے کتنے ہیں جو ذرہ ذرہ گرنے والی ریت دیکھتے رہیں، معین رفتار سے چلنے والی سوئیوں کا مشاہدہ کریں۔۔۔۔۔۔۔ کچھ اس طرح کہ ہر ساعت ہماری آنکھیں اس شاطر پر جمی رہیں، اس کے بطن سے ابھرنے والے ہر سراب کا تجزیہ کر سکیں۔ نہیں۔۔۔۔۔۔۔ ایسے مشاہدہ کرنے والے کہیں نہیں ہیں۔ کسی کے پاس اتنی فرصت نہیں ہے۔
	پھر ہم کیسے یقین کر لیں کہ یہ سوئیاں معین رفتار سے ہی چلتی ہوں گی۔ کون جانے کہ نظر چوکتے ہی وہ تھم سی جائیں اور کسی سست الوجود خرگوش کی طرح گھنے برگدوں کی چھاؤں میں سستانے لگیں۔ وہ پڑی سوتی رہیں اور جب ہمارے متوجہ ہونے کی آہٹ سنائی دے تو جھٹ چھلانگیں مارتے ہوئے بہت آگے پہنچ جائیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کسے خبر کہ ایسا ہی ہوتا ہے؟
٭٭٭

کسے خبر ہماری تخلیق دوسری زندگی کے واسطے ہو۔۔۔۔
                                                                                                                               


	ایک پرندہ کسمساتا ہوا اپنی شاخ سے اڑتا ہے۔ مانوس شہر اس کے سامنے بکھرا ہے جس کی گلی گلی اب اسے ازبر ہو گئی ہے۔ وہ خوب اچھی طرح جانتا ہے کہ کونسے چھت کی منڈیر پر پانی کی کٹوری رکھی ہو گی، کونسے درخت پر پھل آیا ہو گا، کونسے پھول کا رس کتنا میٹھا ہو گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وہ سب جانتا ہے کیونکہ وہ یہ سب اتنی بار کر چکا ہے کہ اپنی حیرت، اپنے سوالوں، اپنی مسرت سے اسے اس زندگی کا کوئی رشتہ نظر نہیں آتا۔ اس کے خواب ٹھہر گئے ہیں۔ جبر کی اِک زنجیر ہے جو بھوک اور پناہ گاہ کی کڑیوں کی صورت اسے شب و روز اسی پہیے میں گھماتی چلی جا رہی ہے۔
	مگر زندگی کا ایک پہلو اور بھی ہے۔ وہ لڑکی جس نے پہلی بار چھت پر رکھی کٹوری سے ایک خوبصورت مگر ڈرے ڈرے پرندے کو پانی پیتے دیکھا، وہ لڑکا جو روز اپنی غلیل کے نشانے پکے کرنے کو جتا رہتا ہے کہ کسی دن وہ اس خوبصورت پرندے پر اپنا فن آزما سکے گا جو پھلوں کی آس میں شجر پہ آتا ہے، وہ درخت جو اپنے پھل ہاتھوں کی تھال میں سجائے اس امید پر پرندے کا انتظار کرتا ہے کہ وہ اپنی اڑانوں کے ساتھ اس کے بیج بھی دور زرخیز زمینوں تک لے جائے اور وہ دوسرے پرندے جو اسے ہوا میں پر مارتے دیکھ کر اڑنا سیکھتے ہیں اور وہ ہوا جسے اڑتے پرندوں کی مسکان کے بیچ اپنی زندگی کا مقصد ملتا ہے۔
	تو زندگی کے دو پہلو ہیں۔ ہمارے اندر کی زندگی بے معنی ہے، بے رنگ ہے، معمول ہے۔ ہمارے اندر کی زندگی میں بے تعبیر خواب ہیں اور نا آسودہ حسرتیں ہیں۔ مگر ایک زندگی اور ہے۔۔۔۔۔۔۔ ہم اپنے اٹھائے ہر قدم کے ساتھ ایک بڑی تصویر میں برش اسٹروکس لگاتے جاتے ہیں۔ دنیا کو بدلتے چلے جاتے ہیں اور یہ زندگی وہ ہے جسے فنا نہیں۔
	کسے خبر کہ ہماری تخلیق بس اس دوسری زندگی کے واسطے ہی کہ گئی ہو۔ 
٭٭٭

زندگی کی سواری

	زندگی عجب سواری تھی۔ایک وقت تھا کہ جب وہ پوری قوت سے چپو چلاتی تھی اور اونچی آوازوں میں روتی تھی۔ مگر اب وہ جیسے کشتی کے ایک کونے میں بیٹھی پتھرائی نظروں سے سب دیکھتی تھی۔اسے کبھی پانی کی بڑی بڑی لہریں خود کو بھگوتی محسوس ہوتیں، اسے دوسرے لوگوں کی چیخیں سنائی دیتیں، جب کشتی کسی اونچی ڈھلان سے نیچے کو جاتی تو دل جیسے اچھل کر حلق میں آ جاتا اور کبھی کشتی کے ڈولنے پر جیسے خوف دوپہر میں ہمسائے کے لڑکے کی طرح گیند ڈھونڈنے کو دیوار پھاند کر گھر میں آ جاتا۔تو وہ اب بھی ہر معروف تعریف کے مطابق ایک انسان ہی تھی۔تکلیف اور خوشیاں محسوس کرتی،ڈر اور بوریت سے متاثر ہوتی لیکن کسی چیز پر جیسے اب اس کا کوئی بھی کنٹرول نہیں تھا۔ اتنا بھی نہیں جتنا Raftingکے وقت چپو چلانے سے حاصل کیا جا سکتا تھا۔ 
	ایسا نہیں تھا کہ اس دن سے کسی طرح اس سے یہ کنٹرول چھین لیا گیا تھا۔وہ تو بس جیسے روشنی کی ایک بھولی بھالی کرن تھی جسنے اس لڑکی کو یہ دکھا دیا کہ اس کے چپو تو کچھ بھی نہیں کر پا رہے ہیں۔وہ تو صرف اپنے آپ کو تھکا رہی ہے۔وہ جو کچھ بھی کر رہی ہے (خواہ وہ دیکھنے میں کیسا بھی لگتا ہو )اس کا حقیقت کے بہاؤ پر کوئی بھی اثر نہیں پڑ رہا ہے۔اور یہ ایک عجیب خیال تھا۔ ایسی چیز کو جاننا ایک بات تھی مگر ماننا بہت مشکل تھا۔آپ تمام زندگی پوری محنت کرتے ہو اور پورے جذبے سے چیزوں کو حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہو اور پھر ایک مقام آتا ہے جب آپ کو احساس ہوتا ہے کہ آپ کی کوشش کا تو کوئی بھی مطلب نہیں تھا۔
	عقل اور منطق سنجیدہ صورت وزیروں کی طرح آپ کے پاس آتے ہیں اور سمجھاتے ہیں کہ ہاتھ پاؤں مارنا چھوڑ کر سب کچھ  لہروں پر چھوڑ دو۔آپ دکھ اور بے یقینی سے ان کی طرف دیکھتے ہو۔
	’’کیا؟ آپ کیا کہہ رہے ہو؟یہ کیسے ممکن ہے؟چلو مان لیا کہ میں اب چپو نہیں چلاتا مگر میں پھر اس کشتی میں کیا کروں ؟‘‘
	’’پر تم بھلا پہلے بھی کیا کر رہے تھے؟‘‘
	’’یہ نہ کہو۔مجھے یہ جاننے کی ضرورت نہیں ہے۔آپ کے ان انکشافات سے پہلے میں ایک اہم انسان تھا جو کشتی کو منزل کی طر ف لے جانے جیسا ناممکن کام سر انجام دے رہا تھا اور اب تم کہتے ہو کہ میں کچھ بھی نہیں ہوں۔شاید انسان بھی نہیں ہو۔۔۔۔۔میں ایسی شئے کو کیسے اپنی حقیقت مان لوں ؟‘‘
	آپ چیختے ہو اور آپ کی آنکھوں میں گہرے بادلوں کی صورت آنسو امڈ آتے ہیں شاید اس امید پر کہ کوئی آپ کو یہ کہ دے کہ نہیں ہم تو مذاق کر رہے تھے۔تمہیں آزما رہے تھے۔تم تو واقعی بہت اہم کام کر رہے ہو جو اس کشتی کو یوں بچائے  لئے جا رہے ہو۔اور یہ کشتی ہی کیوں تم شاید اس بڑے کھیل کے لئے ایک بہت اہم مہرہ بن گئے ہو کیونکہ یہ کشتی کسی ماورائی،نہ سمجھ میں آنے والے لمحے میں اس پوری کائنات کی سب سے اہم کلید بن گئی ہے۔آپ شاید ایسا ہی کچھ ماننا چاہتے ہو مگر جب ایک بار آپ ایک چیز سمجھ لیتے ہو تو پھر آپ اس سے آنکھیں نہیں چرا سکتے۔پھر آپ واپس نہیں جا سکتے۔واپس صرف وہ جا سکتے ہیں جو سب کچھ چھوڑ دینے کا عندیہ دے دیں۔جو ہاتھ جھاڑ کر کسی ذہنی مریضوں کے لئے بنائے گئے شفا خانے میں زندگی کے باقی دن گذارنے پر آمادہ ہوں۔صرف وہی لوگ واپس جا سکتے ہیں لیکن دوسرے لوگوں کے لئے۔۔۔۔لوگ جنہیں اسی دنیا میں رہنا ہے۔۔۔۔۔۔ان کے پاس کوئی راستہ نہیں رہتا کہ وہ مان جائیں کہ یہ ایک One way streetہے۔
	ان کی اس سایہ زدہ زندگی میں سب سڑکیں ہیway oneہیں۔واپسی کا راستہ کہیں نہیں ہے۔آپ ایک راستے پر داخل ہوتے ہیں اور گھستے ہی آپ کو احساس ہو جاتا ہے کہ یہ راستہ آپ کے لئے نہیں ہے لیکن پھر بھی آپ واپس نہیں مڑ سکتے۔آپ کو اس سڑک پر کم از کم اتنا آگے تو چلنا ہی ہو گا کہ دوبارہ سے کسی  Cross roadتک پہنچ سکو۔
٭٭٭


ایک پتنگے نے مجھے تنہا دیکھا

	وہ اگست کی اِک رات تھی اوربوسیدہ سی کھڑکی کی کسی پوشیدہ سی چلمن سے پھسلتا ہوا ایک پتنگا میرے کمرے میں در آیا۔میں جو زندگی بھر بارشوں کے سمندروں،پتنگوں کے جتھوں، جگنوؤں کے قافلوں کے سامنے ہمیشہ مسکراتا کھڑا رہا کہ تم ہمیشہ میرے ساتھ ہوتے تھے۔آج ایک کونے میں سمٹا جاتا تھا کہ ایک پتنگا مجھے تنہا نہ دیکھ لے۔
٭٭٭

آزادی  ان پر بھیانک عفریت کی صورت وارد ہوتی ہے

	یہ ایسا ہی ہے جیسے آپ کھانا کھاؤ تو چند ذرے زمین پر گر جائیں۔۔۔۔۔۔ذرے جنہیں گرنے سے روکنا شاید آپ کے اختیار میں بھی نہ ہو۔۔۔۔۔۔وہ گر جائیں اور اردگرد رینگتے کیڑے انہیں کھانے کو لپکیں۔اب آپ کو مکمل آزادی ہے کہ انہیں اپنے جوتے سے مسل دیا جائے یا پھر چھوڑ دیا جائے۔آپ آزاد ہو۔چاہو تو کچھ بھی کر سکتے ہو۔آپ چاہو تو ہر بار انہیں کچل سکتے ہو لیکن آپ ایسا کرو گے نہیں کیونکہ پھرتو یہ ایک میکانکی عمل بن جائے گا۔آزادی رخصت ہوئی تو یہ پر لطف pastimeایک مشقت میں ڈھل جائے گا۔۔۔۔۔۔۔نہیں قسمت کے کھیل کا اپنا مزا ہے۔ایسا کرتے ہوئے انہیں اپنا آپ بہت طاقتور محسوس ہوتا ہے۔فرعون کی طرح وہ سمجھتے ہیں کہ گویا زندگی دینے اور لینے پر قادر ہو چلے ہیں۔
	اور آزادی تو کیڑے مکوڑوں کے لئے بھی ہے۔وہ چاہیں تو خوراک پر لپکیں اور قسمت کی بازی کھیل لیں اور چاہیں تو اپنے کونے میں بھوک سے سسک سسک کر دم توڑ دیں۔آزادی ان کم مایہ ہستیوں پر بھیانک عفریت کی صورت وارد ہوتی ہے اور وہ شکریے کے ساتھ اسے واپس لوٹا دیتے ہیں۔وہ ہر بار خوراک پر لپکتے ہیں۔انہیں مسل دیا گیا تو گویا قصہ ختم ہوا اور بچ گئے تو جینے کے لئے اگلی بازی تک مہلت مل جاتی ہے۔
٭٭٭

بدنصیب شکاری
	
	میں وہ بدنصیب شکاری ہوں جو اس غزال کو کھوجتا ہے جو پورے جنگل میں نہیں ہے مگر اس کی خوشبو ہر گھاس کے تنکے، ہر پتھر کے پہلو، ہر ہوا کے جھونکے میں ہے۔
	میں وہ بدنصیب شکاری ہوں جو گھر سے ایک غزال کا وعدہ اوڑھ کر نکلا تھا اور اب اس کے بغیر واپس جانے کے تصور سے بھی سہما جاتا ہوں کہ دو آنکھوں میں اترتی مایوسی کا بوجھ نہیں اٹھا پاؤں گا۔
	تو میں نے جی کڑا کر کھیت میں چرتی بکری کو مارا اور اس دن میرے گھر میں ہر ایک نے جی بھر کر شکار کا گوشت کھایا۔اس رات میری محبوبہ نے مجھے اتنا پیار کیا جتنا کبھی نہ کیا تھا۔شکاری کا پیٹ بھرا تھا، وہ محبت میں بھیگا ہوا تھا لیکن اس کے دل میں ایک کھٹک تھی جیسے وہ کوئی غلطی نہ کر رہا ہو۔
	کیا خدا کو ڈھونڈنے میں ہم یہی غلطی تو نہیں کر رہے؟
٭٭٭


کھڑکی پر چڑھتی انگور کی بیل


	مجھے لگتا ہے اب میں بوڑھا ہو چلا ہوں۔تم مانو گے نہیں لیکن کل میں نے انگور کی بیل کو اپنی کھڑکی پر چڑھتے دیکھا۔۔۔۔۔چڑھتے جیسے کوئی چھپکلی دیوار پہ چڑھتی ہے۔وہ اتنی خاموشی سے چڑھتی تھی جیسے کوئی مگر مچھ شکار کو دیکھنے پر دریا میں اترتا ہے۔اتنی محتاط تھی جیسے جانتی ہو کہ کوئی اسے دیکھ رہا ہے۔اور اس کی حرکت کے بیچ ایک وقفہ تھا۔جیسے سکول میں پیریڈ کی گھنٹی کے بعد ہوتا ہے۔اور اس نے اپنی حرکت کو چھپا رکھا تھا ہوا کی سرسراہٹوں اور تیز روشنیوں کے سائے میں۔
	میں ہمیشہ جانتا تھا کہ بیل حرکت کرتی ہے۔دیوار پہ چڑھتی ہے۔نہیں جانتا تھا تو یہ کہ اِک دن میں میری زندگی اتنی ٹھہر جائے گی کہ میں اسے حرکت کرتے دیکھ بھی پاؤں گا۔اب مجھے لگتا ہے کہ میں بوڑھا ہو چلا ہوں۔مجھے اب آنکھیں موند لینی چاہیں۔۔۔۔۔۔اس سے پہلے کہ میں ہوا کی لہروں پہ آواز کو چلتے دیکھوں اور گھر کی دیواروں کو ریت سا جھڑتے دیکھوں۔مجھے آنکھیں موندنا ہوں گی۔
٭٭٭

عظیم مہمان

	اس گھر کے مہمانوں کے لئے میرا کمرہ کبھی پسندیدہ نہیں رہا۔ بوسیدگی اس کی در و دیوار سے یوں ٹپکتی ہے جیسے بارش کے بعد میرے انگور کی بیل ٹپکتی ہے۔ایک کارنس ہے جس پر چند ایک گرد آلودہ تصویریں ہیں اور ایک میز پر رکھا کپ ہے جس میں میں اپنے دانت اتار کر رکھتا ہوں۔میری عینک، ایک دو کتابیں، ایک نوٹ بک اور کپڑوں بھری ایک الماری۔اور ہے کیا بھلا اس کمرے میں ؟ایسے میں ایک بوڑھے کو دیکھنے یہاں کون آئے گا ؟
	تو ایسے میں جب گھر میں کوئی مہمان آتے تو مجھے کمرے تک محدود کر دیا جاتا۔ایسے ہی ایک دن جب میں نیچے سے مہمانوں کا شور سن رہا تھا تو میرے کمرے میں ایک بہت عظیم مہان آیا۔وہ بھی کیا دن تھا جب خدا میرے کمرے میں اتر آیا۔
	میں نے اپنی زندگی میں کیا کیا نہیں کیا۔۔۔۔۔کیا کیا نہیں کیا کہ اپنی زندگی کو اس قابل بنا سکوں کہ خدا اپنے ازلی سفر کے بیچ اس پر ایک نظر ہی ڈال لے۔میں نے ہر وہ شئے اپنے گرد اکٹھی کر لی جس پر شائبہ بھی تھا کہ وہ خدا کو میری طرف متوجہ کر سکے گی۔اور آج وہ آیا تو ایسی ساعت جب میرے پاس کچھ بھی نہیں تھا۔
	میں نے بے بسی سے اپنے کمرے کی طرف دیکھا اور میری آنکھو ں سے آنسو نکل پڑے۔خدا نے وہ آنسو اپنی ہتھیلی پر رکھے اور بڑی آہستگی سے انہیں کھڑکی سے باہر گرا دیا۔پتہ نہیں کیوں مجھے لگتا ہے کہ یہ انگور کی بیل انہی آنسوؤں سے نکلی تھی۔میں نے کبھی اپنے بیٹے سے پوچھا نہیں۔۔۔۔۔شاید اسی  لئے نہیں پوچھا کہ وہ کہیں یہ ہی نہ کہ دے کہ یہ بیل تو اس نے خود لگوائی تھی۔مجھے بہرحال یہی لگتا ہے جیسے انگور کی بیل انہی آنسوؤں سے پھوٹی ہو۔
	تو اس دن مجھے احساس ہوا کہ میں غلط تھا۔میں نے خدا کی توجہ حاصل کرنے کے لئے پتہ نہیں کیا کیا کاٹھ کباڑ اپنے گرد جمع کر لیا تھا۔اتنا کاٹھ کباڑ کے جس کے بیچ سے خدا مجھے ڈھونڈ ہی نہیں پایا۔اب جو وقت نے ساری آلائشیں میرے قریب سے اتار پھینکیں تو وہ مجھے ڈھونڈ پایا۔
	تو میں اس دن بہت دیر تک اسے دیکھتا رہا۔وہ مجھے ایک چھوٹے سے بچے کی طرح لگ رہا تھا جو اپنی معصوم مگر شرارت بھری آنکھوں سے مجھے دیکھتا ہو اور پوچھتا ہو ’’کیسا لگا یہ کھیل۔۔۔۔۔۔کیا اور کھیلو گے؟‘‘
	میں نے اس کے کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔میں تو تشکر کے گہرے پانیوں میں floatکر رہا تھا۔
٭٭٭

وہ چوہوں جیسی حقیر چیز میں تبدیل ہو جائیں گے۔۔۔۔۔

	تو ہر وجود نے کچھ ایسے ضابطے بنا رکھے ہیں جن کی پاسداری فرضِ عین سے زیادہ حساسیت سے کی جاتی ہے۔ایسے ضابطے جن کی بنیا د کسی آفاقی اصول، کسی منطق پر نہیں ہوتی۔ وہ تو بس اس  لئے ہوتے ہیں کہ انہیں اپنی خود مختاری کا یقین آ جائے۔ اور ان ضابطوں کی حفاظت کے لئے کسی بھی حد سے گزرا جا سکتا ہے۔ کیونکہ ان کے بنا وہ ایک حاکمِ مطلق سے محکومِ محض میں ڈھل جاتے ہیں۔
	جیسے جیل کی کوٹھڑیوں میں قیدی چھوٹی چھوٹی بے حقیقت چیزوں کے لئے لڑ پڑتے ہیں۔ اپنے کونے میں کسی کا بستر جما دیکھ کر جان دینے لینے کے لئے تیار ہو جاتے ہیں۔ پر ہم انہیں غلط نہیں کہ سکتے۔ وقت نے ان سے زندگی کی ساری نعمتیں چھین لی ہیں،ان کی آزادی کو روح کی گہرائیوں تک چھید دیا ہے۔۔۔تو ایسے میں یہ مخصوص کونہ، یہ k.2کا سیگرٹ، یہ پھٹی ہوئی دری ان کی آخری جائیداد ہیں۔ ایسی چیزیں جنہیں وہ اب بھی اپنا کہ سکتے ہیں۔ اگر انہیں چھین لیا گیا تو پھر وہ انسان نہیں رہ سکیں گے۔ وہ چوہوں جیسی کسی حقیر چیز میں تبدیل ہو جائیں گے اور ایسا تو وہ کبھی نہ ہونے دیں گے۔
	تو اس دنیا کے کچھ ضابطے ہیں اور سب سے بڑا قانون تو یہی ہے کہ ہماری دنیا سے اس دنیا کا راستہ one way ہے۔ آپ جہاں تک چاہو اس عجیب و غریب دنیا میں چلے جاؤ، جو کردار چاہو اسے زندگی دے دو مگر جب ایک مرتبہ آپ اسے حقیقت کا لباس پہنا دو گے تو پھر وہ ہمیشہ کے لئے اس دنیا کا حصہ بن جائے گا۔ تو ایسے میں ہمیں بہت محتاط رہنا پڑتا ہے۔ میں نے اس دنیا میں ایسے ایسے حسین چہرے دیکھے ہیں جنہیں کبھی دنیا کے سامنے لاد رڑھ                                                                                                                            وں تو ہر کوئی مبہوت ہو جائے۔۔۔پر ایسے تو دنیا کا سارا کاروبار رک جائے گا۔ مجھے صبح کی چائے کے لئے دودھ نہیں مل سکے گا، کالج جانے کے لئے نکلوں گا تو سڑکوں پر گاڑیاں نہ ہوں گی،کلاس روم میں پہنچوں گا تو کمرہ بھائیں بھائیں کرتا ہو گا۔ نہیں۔۔۔۔۔آپ ایسے حسن کو نہیں دکھا سکتے۔
	ایسے ہی اس دنیا میں وہ عفریت بھی چھپے ہیں جو پوری انسانیت کے شعور کو جھنجوڑ سکتے ہیں، جو یاجوج ماجوج کی طرح ہماری اس برسوں میں بنائی دنیا کو کھاتے چلے جائیں گے، اپنے بڑے بڑے دانتوں اور نہ ختم ہونے والی بھوک سے ہر شئے کو ختم کر ڈالیں گے۔
	تو آپ کو بہت محتاط رہنا پڑتا ہے۔ آپ کو بس ایسے کردار لے کر آنا ہیں جو اتنے خوبصورت، اتنے دلچسپ تو ہوں کہ لوگ انہیں دیکھ کر محظوظ ہو سکیں، تھوڑا سوچ بھی سکیں۔۔۔۔پر اگر اس سے کچھ زیادہ سامنے آتا ہے تو نتائج برداشت نہیں کئے جا سکتے۔ اور ہم لوگ ہمیشہ اس بات کا خیال رکھتے ہیں پر کبھی کبھار کچھ غلط ہو جاتا ہے۔ میں بتا نہیں سکتا کہ یہ کیسے ہوتا ہے۔ بس جیسے آپ کسی سنسان سڑک پر چلے جا رہے ہو اور ایسے میں آپ کو ایک بلی کا بچہ نظر آتا ہے۔ آپ بس ترحم کے نامعلوم جذبے سے اسے پچکار دیتے ہو،یا محض محبت بھری نگاہ ہی ڈالتے ہو۔۔۔۔۔اور وہ ممنون نظروں سے آپ کی طرف دیکھتا ہے اور دم ہلاتا پیچھے چلا آتا ہے۔ اب کچھ فرق نہیں پڑتا کہ آپ اسے جتنا جھڑک دو،کچھ فرق نہیں پڑتا کہ آپ بہت بے رحم بن کر اسے چھوٹا موٹا پتھر بھی مار ڈالو۔۔۔۔وہ سر جھکائے آپ کے پیچھے آتا رہے گا۔ آپ لاکھ گھر کے دروازے اس پر بند کر ڈالو مگر وہ کہیں نہیں جائے گا (پر کہیں جانے کے لئے ہمیں کوئی جگہ بھی تو درکار ہوتی ہے۔۔۔کیا خبر وہ کہیں جا ہی نہ سکتا ہو)۔ رات کے پچھلے پہر آپ اسے بھوک سے روتا پاؤ گے اور صبح جو کام پر جانے کے لئے نکلو تو وہ مشتاق نگاہوں سے کل والی ہمدردی کی کھوج میں آپ کے اردگرد گھومے گا۔
	آپ اسے سمجھا نہیں سکتے۔۔۔آپ تو خود نہیں سمجھتے کہ جب دل میں ایسا کچھ نہیں تھا تو پیار سے اسے پکارا ہی کیوں تھا؟ ہم انسان بہت سے ایسے کام کر گزرتے ہیں جن سے ہمارا مطلب کچھ نہیں ہوتا۔۔۔پر ان معصوموں کی زندگی کے اصول مختلف ہوتے ہیں۔بلکہ سچ کہوں تو شاید زندگی کے اصول صرف انہی کے پاس ہوتے ہیں۔ ان کے نزدیک ہر لفظ، ہر ادا ایک معانی رکھتی ہے۔ ان کے نزدیک محبت عمر بھر کے لئے ہوتی ہے۔ تو وہ بلی کا بچہ مہینوں تک آپ کو محبت بھری شکایت سے دیکھا کرے گا (اور ہم لوگ جو محبت سے بھی گھبرا جاتے ہیں )اور یہاں تک کہ آپ اسے گاڑی کی ڈگی میں ڈال کر اتنی دور چھوڑ آؤ گے کہ وہ واپس نہ آسکے۔
٭٭٭


باقی سب اس معرفت سے پہلے کے مرحلے ہیں 


	محبت، پیار، عشق، بندگی شاید ایک ہی جذبے کے مختلف نام ہیں۔عشق چاہے مجاز سے ہو مگر اس کے سوتے پھر بھی حقیقت سی ہی پھوٹتے ہیں۔ اور محبت نہ تو کی جاتی ہے اور نہ ہو جاتی ہے۔۔۔۔۔۔یہ کوئی حادثہ نہیں کائنات کی سب سے اٹل اور نہ تبدیل ہونے والی حقیقت ہے۔ محبت ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ ہم جسے محبت کرنا کہتے ہیں وہ درحقیقت اس کا وجدان کرنا ہے۔ اس کا احساس کرنا ہے۔
	یہ ایسے ہی ہے جیسے آپ ایک اندھیرے کمرے میں کھڑے ہو اور نہیں جانتے کہ آپ کے اردگرد کیا ہے اور پھر جیسے آپ کو کوئی ٹارچ مل جائے۔ اب آپ کو احساس ہو گا کہ کمرے میں تو نجانے کتنی شاہکار تصاویر لگی ہیں۔ ایسی میں کتنے شکرگزار ہو گے آپ اس ٹارچ کے۔۔۔۔۔یہی عشق مجازی کی حقیقت ہے۔ ہم اس مانگے کی روشنی سے حقیقت ہی دیکھتے ہیں۔
	اور پھر ان تصویروں کو دیکھتے دیکھتے آپ کے اندر کی آنکھ بیدار ہوتی ہے اور اب جو آپ اپنی ہی روشنی میں دیکھتے ہو تو یہ عشقِ حقیقی ہے۔۔۔۔۔۔۔ میری نظر میں عشق صرف حقیقت سے ہی سزاوار ہے اور باقی سب اس پہچان سے پہلے کے مرحلے ہیں۔
٭٭٭

جھوٹا سچ

	یقین کر لیجئے کہ حالات جھوٹ بول سکتے ہیں۔ اور انسان جو اپنے حساس ترین آلات سے اپنی forensic science سے حقائق کی زبان سمجھنے کا دعوی کرتے ہیں انہیں یہ امکان بھی ذہن میں رکھنا چاہیے کہ حقائق جھوٹ بول سکتے ہیں۔یہ ایسا ہی ہے جیسے آپ ایک اجنبی زبان جان لیتے ہو تو آپ سمجھتے ہو جیسے آپ نے کسی سچ کو جان لیا ہے۔مگر سفر تو یہاں سے شروع ہوتا ہے۔زبان بولنے والے کی پوری زندگی، اس علاقے کی ہزاروں برس کی تاریخ،اس دن کے حالات،انسانی نفسیات یہ سب تو اس بات کو سمجھنے کے سفر کے لئے pre-requisite ہیں۔۔۔۔۔اور جب میں حالات کے جھوٹ بولنے کی بات کرتا ہوں تو در حقیقت یہ بتلانے کی کوشش کر رہا ہوں کہ حالات بہترین سے بہترین مواقع پر بھی زیادہ سے زیادہ آدھا سچ بول سکتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔اور آدھے سچ سے بڑا جھوٹ کوئی نہیں ہوتا۔ حالات کو آپ کتنا بھی کھوج لو آپ کبھی بھی پورے سچ تک نہیں پہنچ سکو گے۔ ایک پیاز کی طرح جتنا بھی چھیلو گے ایک نئی تہہ سامنے آتی جائے گی۔
	تو مان لیجئے کہ حقائق جھوٹ بولتے ہیں۔اسی  لئے تو circumstantial evidence  بہت مضبوط ہونے کے باوجود کسی جیتے جاگتے انسان کی گواہی سے کم معتبر ٹھہرتی ہے۔ذرا سوچئے تو سہی۔وہ آدمی جو ہر روز سینکڑوں جھوٹ بولتا ہے ہم اس کی زبان پر پہلے یقین کرتے ہیں اور باقی سب باتیں اگر اس کا ساتھ دے رہی ہیں تو ٹھیک وگرنہ ان کی اہمیت بہت کم ہے۔ایسا کیوں ہے؟
	ایسا اس لئے ہے کہ ہم جانتے ہیں۔۔۔۔۔ایک بہت بڑی منطق جس کو ہمارے جسم میں بھر دیا گیا ہے ہمیں بتاتی ہے کہ لوگ حالات سے زیادہ قابلِ بھروسہ ٹھہرتے ہیں۔اس لئے کہ آپ لوگوں کی زبان سمجھتے ہو۔انہیں منطق کی کسوٹیوں پر پرکھ سکتے ہو۔ان سے سوال و جواب کر سکتے ہو لیکن باقی سب تو بس ہے۔آپ حقائق کو صرف جان سکتے ہو انکے پیچھے چھپی وجہ آپ نہیں سمجھتے۔ حقائق گھنے بادلوں کی طرح ہیں اگر ہم تھوڑی توجہ سے دیکھیں تو ان کی کوئی بھی شبیہ بنا سکتے ہیں اور ایک دفعہ جب وہ شبیہ بن جاتی ہے تو وہ اتنی حقیقی ہوتی ہے کہ ہم ہر کسی کو دکھا سکتے ہیں، اس کی تصویر بھی لے سکتے ہیں پر انہی بادلوں کو کوئی اور کسی اور موڈ میں دیکھے گا تو شاید بالکل ہی مختلف شبیہ دیکھے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے اجداد نے (جو یقیناً ہم سے زیادہ علم رکھتے تھے) انسانی گواہی کو ہمیشہ بے پناہ اہمیت دی۔۔۔۔۔مگر یہ عوام ہیں جو ہمیشہ حالات سے نتیجہ نکالتے ہیں اور ایسے میں پاکباز عورتوں کو witchesقرار دے کر آ گ میں جلا دیا جاتا ہے۔ ایسے میں منصور ایسے پارسا کو کافر قرار دے کر سنگسار کر دیا جا تا ہے۔
٭٭٭

مقدس پہاڑ

	میری بستی اس مقدس پہاڑ سے بہت دور تھی۔۔۔۔۔۔۔اتنی دور کہ مطلع بہت صاف ہونے پر میں صرف اس کا ایک سایہ سا دور افق پر لہراتے دیکھ پاتا تھا۔ اور کبھی رات گئے زائرین کی مشعلوں سے اٹھتے روشنی کے نکتے جو سانپ راستوں کی صورت مقدس پہاڑ کی سمت جاتے تھے۔
	میری بستی میں بہت کچھ تھا۔۔۔۔۔ یہاں ایسی حسینائیں تھیں جن کی آنکھوں کی جنبش سے تقدیر کے پنچھی اڑانیں بھول جایا کرتے تھے، ایسے زاہد تھے کہ جن کی دعاؤں کے کوزوں میں وقت سے ساحر قید ہوئے بیٹھے تھے، وہ محنت کش تھے کہ پتھروں کو چیر کے اناج اگاتے تھے اور وہ طالب علم کہ جن کے سوالوں کی تڑپ کے آگے کائناتوں کے نوری فاصلے ممکن نظر آتے تھے۔
	پر ان دمکتی جبینوں کے ساتھ کوئی اور بھی تھا۔۔۔۔۔۔ ایک خواب جو ہر گھر، ہر دل، ہر قحبہ خانے، ہر کھیل کے میدان میں سرکتا پھرتا تھا۔ اس مقدس پہاڑ کا خواب جس سے بستی کا کوئی ذی روح بھاگ نہیں پاتا تھا۔ اور وہ کیا کیا نہیں کرتے تھے؟ دن بھر اتنا پسینہ بہاتے کہ دھرتی کو سیراب کرنے کے لئے انہیں کسی بارش کا احسان مند تلک نہ ہونا پڑتا، شام بھر شراب کے نشے میں جھومتے گاتے۔ کچھ ایسے کہ جیسے انہیں کسی شئے کی پروا نہ ہو اور پھر رات گئے جب آنکھوں کے پپوٹوں کو کھلا رکھنا ممکن نہ ہوتا تو وہ ایک دوسرے کا سہارا  لئے شراب خانے سے نکلتے تو ایک نظر اس مقدس پہاڑ پر ڈالتے اور ایک لمحے کو انہیں اپنی ساری زندگی غیر حقیقی نظر آتی۔ 
	وہ بس ایک لمحہ ہوتا جس کے بعد وہ سر جھٹک کر اپنے اپنے گھروں کو چلے جاتے مگر اس ایک لمحے کا کرب ان کی ساری نیند اڑا دیتا۔ مقدس پہاڑ کا خواب اس بستی کے ہر گھر پر اترتا لیکن ان کے پاس ہمیشہ کرنے کو بہت ضروری کام رہتے۔ انہیں پڑھنا تھا ایسی کتابیں کہ جن کا علم پر کٹے پرندوں کی اڑانوں کی طرح جھوٹا تھا، انہیں محبت کے بیجوں کو ایسی پر فریب بستیوں میں بکھیرنا تھا جہاں شیشے کی سڑکوں پر محض پانی کے سراب ناچتے ہیں، دنیا بھر کی آسائشوں کے بیچ اپنے خواب چھپا کر اپنی اولاد کو ورثہ دینا تھا (جس نے پہلی فرصت میں ان خوابوں کو اٹھا کر اندھیری نالیوں میں پھینک دینا تھا)۔
	انہیں بہت کام تھے۔ وہ انہی کاموں میں جتے رہتے اور مقدس پہاڑ کا خواب جو سایے کی طرح زندگی بھر انکے قدموں میں رینگتا رہتا۔ اور پھر وقت کی شام وہ سایہ بڑھتے بڑھتے اتنا بڑا ہو جاتا کہ اس کا دوسرا سرا مقدس پہاڑ کو چھونے کو لپکتا۔۔۔۔۔۔۔۔ بہت ممکن تھا کہ وہ اسے چھو ہی لیتا مگر اس سے ایک ساعت پہلے سورج اپنا چہرہ چھپا لیتا۔ سایہ انکے قدموں کو چھوڑ کر اندھیرے میں کہیں کھو جاتا اور وہ اپنی پتھرائی آنکھوں سے زائرین کی مشعلیں دیکھتے جو سانپ راستوں کی صورت دور مقدس پہاڑ کی سمت جاتی تھیں۔
٭٭٭

مسافر

	یہ ایسے ہی ہے جیسے دنیا بھر کی سیر کا خواب۔۔۔۔۔ایک سفر ملائیشیا کے جزیروں سے افریقہ کے صحراؤں تک،اٹلانٹک سٹی کی رنگینیوں سے ان تمام خوابناک جگہوں تک جن سے سفری کتابچے بھرے ہوتے ہیں۔سو ساری زندگی یہ خواب آپ کے ساتھ چلتا ہے،ہمیشہ آپ کے دل میں رہتا ہے۔آپ گھر سے دفتر کے بے معنی فاصلے طے کرتے ہو اور آپ کو اس کا احساس تک نہیں ہوتا۔ایسے میں ایک دن آپ کی نظر گاڑی کے odometerپر پڑتی ہے اور آپ سوچنے بیٹھ جاتے ہو۔
	’’کیا یہ واقعی میں تھا جس نے ہزاروں کلومیٹر کا فاصلہ طے کر لیا؟‘‘۔گاڑی کے میٹر پر ہندسے تو بتاتے ہیں کہ آپ دو لاکھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کر چکے ہو۔۔۔۔۔آپ جنہیں بارہ سو کلومیٹر دور کراچی جانے کی ہمت نہیں ہوتی،آپ جسے یورپ کے چند ہزار کلومیٹر ناممکن نظر آتے ہیں۔۔۔۔۔۔آپ جو سمجھتے رہے کہ فاصلے بہت زیادہ تھے۔آپ اتنا سفر کر کر بھی وہیں ہو۔سفر تو سفر ہوتا ہے۔فرق تو محض سمت کا تھا۔
	اگر کسی روز ہم یہ فیصلہ کر گزریں کہ آج ہم گھر واپس نہیں جائیں گے اور کہیں آگے بڑھنا شروع کر دیں گے۔جس جگہ سورج غروب ہوتا ہو گا وہ ہمارا عارضی گھر ٹھہرے گی اور جہاں سورج طلوع ہوتا نظر آئے وہ ہماری منزل۔۔۔۔۔۔سیاحت محض ان روحوں کے لئے ہے جو یہ فیصلے بڑی تیزی اور بغیر تکلیف کے کر سکیں۔سیاحت ان لوگوں کے لئے ہے جو اپنے پیچھے کوئی حسین چیز چھوڑ نہیں آئے ہیں۔۔۔۔۔اور باقی انسانیت کے لئے تو یہ محض ایک خواب ہے۔نہ پوری ہونے والی خواہش ہے۔یہ خواب،یہ خواہشیں خواہ کیسی بھی سکون آور کیوں نہ ہوں ان کے پہلو میں کوئی غم ہمیشہ چھپا رہتا ہے۔
	ہم بہت عجیب لوگ ہیں۔ہم چیزوں کو اپنے ہاتھوں سے تراشتے ہیں اور پھر کسی بے خود لمحے میں خود ہی ان کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔یہ خواب جنہیں ہم محض اپنی ذہنی عیاشی کے لئے تخلیق کرتے ہیں اور پھر انہیں سے مجبور تمام عمر صحرائے زندگی میں بھٹکتے ہیں۔
	اور پھر ایک دن کچھ ہوتا ہے۔کوئی بھیانک حادثہ جو آپ کو ہمیشہ کے لئے معذور کر دے یا پھر بڑھاپا ہی کچھ ایسے انداز سے آپ کی زندگی میں آ وارد ہوتا ہے کہ حرکت و سفر ممکن نہیں رہتے۔ان لمحات میں (صرف انہی لمحات میں )آپ ایک ناممکن شئے میں چھپی نعمت کو محسوس کر سکتے ہو۔اب آپ جی بھر کے خواب دیکھ سکتے ہو۔ا ب آپ کو کوئی احساسِ جرم نہیں ستائے گا کہ اپنے خوابوں کو پانے کے لئے آپ محنت نہیں کر پا رہے ہو۔
	اور وہ یقیناً بہت پرسکون لمحات ہوتے ہوں گے کیونکہ زندگی کسی سفر کے لئے بنی ہی نہیں۔زندگی پیچھے چھوڑ دینے یا آگے بڑھ جانے کا نام نہیں ہے۔زندگی تو ٹھہرنے کا نام ہے۔ہر چیز میں خود کو سمو دینے کا نام ہے۔زندگی تو نام ہے گھر بنانے کا،چیزیں اکٹھی کرنے کا،پیار کرنے کا،بچے پیدا کرنے کا،دشمنوں کو قتل کرنے کا۔۔۔۔۔یہی وجہ ہے کہ سیاح (گو وہ ہمیں کیسے ہی دلکش کیوں نہ دکھائی دیں۔۔۔۔۔اور خواب کب دلفریب نہیں ہوتے۔۔۔۔۔اس زمین کے چہرے پر سب سے قابلِ رحم لوگ ہوتے ہیں۔انہوں نے بہت سی چیزوں کو دیکھا ہے مگر کچھ بھی ایسا نہیں جسے وہ اپنا کہ سکیں۔کوئی رشتہ،کوئی ملک،کوئی زبان،کچھ بھی نہیں۔
٭٭٭

وجود کے مدارج

	اسے ہسپتال میں آئے بہت دن ہو گئے تھے۔یہاں اس نے بہت سے لوگوں کو تھوڑی قریب سے دیکھا۔لوگ جو شاید ہمیشہ سے اس کی اردگرد پھیلی دنیا میں بھرے بلکہ ٹھونس ٹھونس کر بھرے تھے مگر وہ جیسے ابھی تک ان کی موجودگی سے بے خبر تھی۔نہیں وہ ان کی موجودگی سے بے خبر نہیں تھی کیونکہ وہ انہیں دیکھتی تھی،ان کی آوازیں سنتی تھی۔ان کے جسموں سے اٹھتی بدبو محسوس کر کے گاڑی کے شیشے چڑھا لیتی تھی۔نہیں وہ ان کی موجودگی سے بے خبر نہیں تھی مگر وجود کا ایک درجہ نہیں ہوتا۔
	جیسے برسوں سے کوئی ملازم آپ کے گھر میں کام کرتا ہو۔آپ دفتر سے آؤ تو وہ گاڑی کے ہارن پر بھاگتا ہوا آئے اور دروازہ کھول دے۔آپ کے ہاتھوں میں پکڑی فائلیں تھام لے۔اندر کمرے تک پہنچے تو ٹھک سے پانی کا گلاس لے کر آن کھڑا ہو۔رات کو سونے تک آپ اس کی موجودگی سے لاتعلق نہیں رہ سکتے۔وہ ایک دن کے  لئے کہیں چھٹی پر چلا جائے تو ایک بہت بڑا سا خلا آپ کو ڈراتا ہے مگر میں اس ساریawarenessکو اس کے وجود کا احساس نہیں کہ سکتا۔
	وجود کے مدارج ہوتے ہیں۔آپ ایک رات سو نہیں پاتے اور یونہی ٹہلتے ہوئے اپنے نوکر کے کوارٹر کی طرف نکل جاتے ہو۔وہاں چند آوازیں سننے پر آپ تجسس کے ہاتھوں بے قابو ہو کر کھڑکی کی درز سے اندر جھانکتے ہو تو اب آپ اپنے ملازم کو نہیں ایک چھوٹے سے سربراہِ مملکت کو دیکھتے ہو۔ ایک شخص جس کی اطاعت ہو رہی ہے۔بچے جس کا کہا مان رہے ہیں۔جو بیوی کو اہم مشورے دے رہا ہے۔ایک وجود جس سے لوگ پیار کرتے ہیں۔تو اتنے سالوں میں پہلی مرتبہ آپ کو احساس ہوتا ہے کہ وہ جسے آپ ہوا کی طرح for grantedلیتے ہو وہ بھی آپ ہی کی طرح کا ایک جیتا جاگتا انسان ہے۔اس کے دل میں بھی شاید بڑے بڑے طوفان اٹھتے ہوں گے۔کتنے ضبط کی بات ہے کہ آپ اپنے تمام طوفانوں کو کہیں اندر چھپا لیتے ہواور بڑی تابعداری کے ساتھ دوسروں کے بے معنی کام مشینی انداز میں سرانجام دیتے ہو۔
	اگلی صبح آپ اسے عجیب نظروں سے دیکھتے ہو۔آپ کوشش کرتے ہو کہ اسے خوامخواہ تکلیف نہ اٹھانی پڑے۔لیکن یہ کیفیت مستقل نہیں رہ سکتی۔اگر پانی پیتے ہوئے بھی آپ کا ضمیر آپ کو کچوکے لگانا شروع کر دے کہ کسی انسان کو اسے آپ تک پہنچانے کے لئے تھوڑی دیر کو ہی سہی مگر اپنے خوابوں سے جدا ہونا پڑا ہے تو بہت مشکل ہو جائے گی۔تو آپ بھول جانا چاہتے ہو کہ وہ بھی انسان ہے۔فرایض اور ذمہ داریوں کے خوبصورت پنجرے تعمیر کرتے ہو اور اس انسان کو جسے بڑی مشکل سے پایا تھا وہاں قید کر دیتے ہو۔اس کی صورت پر بکھرا کرب دیکھنے کے لئے اندھے ہو جاتے ہو اور اسے کچھ کہنے کے لئے گونگے ہو جاتے ہو۔
	کتنی عجیب بات ہے کہ اس زندگی میں کامیاب ہونے کے لئے ہمیں اپنے سب سے بڑے giftکو خود ہی جھٹلانا پڑتا ہے۔ہم دوسرے لوگوں کی صدائیں نہیں سنتے،انہیں دیکھتے نہیں،ان سے بات نہیں کرتے۔ہم یہاں لوگوں سے نہیں ملتے۔وجود کا یہ درجہ ہم صرف چند لوگوں کو دے پاتے ہیں۔۔۔۔اپنی بیوی کو،بچوں کو،ماں باپ کو اور شاید چند دوستوں کو۔۔۔۔۔۔باقی لوگ تو گویا نہیں ہیں۔
	اور پھر وجود کا ایک درجہ اور ہے جہاں صرف ہم خود existکرتے ہیں۔صرف ہم۔۔۔۔۔ہمارے اندر کی دنیا اتنی پیچیدہ ہے کہ یہاں کوئی بھید بھاؤ نہیں چلتا۔آپ پوری دنیا کی نعمتیں اٹھا کر ہمارے سامنے رکھ دوتو بھی یہ دل مطمئن نہیں ہوتا اور کبھی کبھار ایک وقت کا کھانا خمار کی کیفیت میں لے جاتا ہے۔یہ اور دنیا ہے جس پر حکم لاگو نہیں ہوتے۔اسے صرف دیکھا جا سکتا ہے۔صرف محسوس کیا جا سکتا ہے۔اس درجے پر دوسرے کبھی اتر ہی نہیں سکتے۔
٭٭٭

بے وقعت چیزوں کی زندگی

	میرے بڑے بھائی نے اپنے اتارے ہوئے کپڑے میرے چہرے پر پھینک دیے۔میں نے لیٹے لیٹے آنکھیں کھولیں۔منہ پر پڑے کپڑوں کے بیچ ایک چھوٹی سی درز تھی جس سے مجھے بھائی کی مسکراتی شرارت بھری آنکھیں نظر آ رہی تھیں۔میں نے خاموشی سے کپڑوں کو چہرے سے اتارا اور اٹھ کھڑا ہوا۔شروع شروع میں میں ایسی حرکتوں پر جھنجھلا جاتا تھا۔بھائی کو برا بھلا کہتا۔مگر جب اس نے دو تین مرتبہ مجھے اپنے مضبوط بازوؤں کے شکنجے میں اس زور سے بھینچا کہ میری سانسیں سینے میں تھم کے رہ گئیں تومیں نے ہر قسم کا احتجاج ختم کر دیا۔
	شروع میں یہ میرے  لئے ایک بھیانک تجربہ تھا۔مجھے پہلی مرتبہ احساس ہوا کہ میرا نحیف جسم بھائی کی وحشیانہ طاقت کے سامنے کتنا بے حقیقت ہے۔وہ جب چاہے محض بازوؤں میں بھینچ کر ہی میری ہڈیاں توڑ سکتا تھا۔ایسے لمحات میں کوئی کر بھی کیا سکتا ہے؟سانس بند ہونے پر تو آپ چلا بھی نہیں سکتے۔میں نے کبھی ان لمحوں سے زیادہ مجبور خود کو محسوس نہیں کیا تھا۔اور پھر جب میری آنکھیں باہر نکلنے لگتیں، اور دل پھٹنے کے قریب ہو جاتا تو اس لمحے (عین اس لمحے)بھائی مجھے چھوڑ دیتا۔میں تھوڑی دیر تک وہیں زمین پر گرا ہانپتا رہتا۔ایسے میں ایک ہی خیال میرے ذہن میں گردش کر رہا ہوتا تھا۔
	’’بھائی جب چاہے کسی حقیر کیڑے کی طرح مجھے مسل کر رکھ سکتا ہے۔لیکن وہ ایسا نہیں کرتا۔وہ مجھے زندہ رہنے (یا پھر کلبلانے کہوں۔۔۔۔۔کیونکہ حقیر کیڑے محض کلبلا سکتے ہیں۔زندگی تو بس وہی ہے جو بھائی کے پاس ہے)کی اجازت دیتا ہے تو اس مہربانی کے بدلے اسے حق حاصل ہے کہ وہ میری تذلیل کر سکے۔وہ جب چاہے اپنے گیلے تولیے کو میرے چہرے پر پھینک سکتا ہے،میری کمر پر زوردار دھپ رسید کر سکتا ہے (گو میں اس پر لڑکھڑا جاؤں گا پر لڑکھڑا کر سنبھلنے میں دیر ہی کتنی لگتی ہے)میرے حصے کی آئیس کریم کھا سکتا ہے۔اس کی طاقت نے اسے یہ مقام دیا ہے۔اور پھر زندہ رہنے کے مقابلے میں یہ بہت چھوٹی باتیں ہیں۔۔۔۔۔۔کتنا بڑا دل ہے بھائی کا جو مجھ جیسی بے وقعت شئے کو جئے جانے دیتا ہے۔آخر ہم میں سے کتنے ہیں جو زمین پر رینگتے کیڑے دیکھیں اور انہیں اپنے جوتوں سے مسل دینے کی خواہش ان کے دل میں نہ پیدا ہوتی ہے۔۔۔۔۔کتنے ہیں جو ان سست الوجود کیڑوں پر عافیت کی وہی چادر پھینک سکیں جس سے ہم انسانی زندگی کو لپیٹے پھرتے ہیں ‘‘۔ تو اس دن کے بعد میرے دل میں اپنے بھائی کا احترام اور بڑھ گیا۔میں اب بڑی عقیدت سے اس کی بدتمیزوں اور شرارتوں کو سہے چلا جاتا تھا۔
٭٭٭

تین محراب

	میں مسجد الحرام کی چھت پر بیٹھا تھا اور میرے سامنے تین محراب تھے جن میں سورج کے عکس پڑ رہے تھے۔میں سوچ رہا تھا کہ سورج ایک ہے مگرعکس تین کیوں ہیں ؟ 
	یہ تین محراب ہیں جو مجھے اس کے تین عکس دکھا رہے ہیں۔
	کہیں یہی ہمارا المیہ تو نہیں۔ہم سورج کی طرح خدا کو بھی Naked eyeسے دیکھ نہیں پاتے۔ اسے دیکھتے ہیں تو صرف عکس کی صورت اور پھر وہ کسی کو ایک نظر آتا ہے، کسی کو دو، کسی کو تین اور کسی کو کئی ہزار۔
٭٭٭

انسان ہونے کا یقیں 

	ایک دن مجھے لگا جیسے میں زندہ نہیں ہوں۔میں اس دن بازار میں چلا جا رہا تھا۔بہت بڑا بازار تھا۔سینکڑوں لوگ ہوں گے میرے اردگرد اور میں چلا جا رہا تھا۔اور کوئی مجھے دیکھ نہیں رہا تھا۔ایک عجیب سا احساس میرے اندر پیدا ہوا۔کیا میں مر چکا ہوں اور میری روح ان کے بیچ کہیں تیرتی ہو جسے کوئی دیکھ نہیں پاتا ہو۔میں نے چاہا کہ میں اپنی آواز بلند کروں اور انہیں کہوں۔
	’’کاش کوئی میری آواز سن سکے۔کاش کوئی میری آواز سن سکے؟‘‘لیکن حلق سے نہ نکالے جانے والی آوازوں کو کون سنتا ہے؟کبھی ایسا بھی تو ہوتا ہے کہ آواز نکالنے کی صورت آپ وہ آخری بھرم بھی توڑنا نہیں چاہتے جس سے سرشتہ زندگی کہیں اٹکا ہوا ہے۔ تومیں آپ کو بتا رہا ہوں کہ گو میں نے آواز بلند کرنی چاہی لیکن میں کر نہیں سکا۔میں خاموش رہا۔انتظار کرتا رہا۔
	ایک بار جی میں آئی کی کسی سے ٹکرا جاؤں لیکن ٹکرانے کی ہمت نہیں ہوئی۔میں کسی سے ٹکرا نہیں پایا۔اور پھر اگر میں زندہ ہوتا تو ان سے کیا کہتا کہ میں کیوں ان سے ٹکرا گیا ہوں ؟میں نے ایک لمحے کو رک کر کسی کو چھو لینا چاہا لیکن کوئی اس دنیا میں ہمیں چھونے کا اختیار بھلا کہاں دیتا ہے؟۔۔۔۔چھونے کے اختیار کے بدلے میں لوگ آپ سے کیا کیا نہیں مانگ بیٹھیں گے؟ تو میں کیسے یقین کروں کہ میں زندہ ہوں۔یہ تھا وہ سوال جو مجھے اٹھائے  لئے جا رہا تھا۔
کتنی عجیب بات ہے کہ آپ اپنے انسان ہونے کا بھی یقین نہیں کر سکتے۔تو دنیا میں پھر کیا باقی رہ جائے گا؟
٭٭٭

میرے دشمن

	میں خوفزدہ تھا اور چھپنے کی جگہ ڈھونڈتا تھا۔شہر میرے  لئے اجنبی تھا سو ہر دوراہے پر دل کو دھڑکا سا لگ جاتا
	’’کیا خبر میں غلط راستے پر چل پڑوں اور سیدھا اپنے دشمنوں کے نرغے میں پہنچ جاؤں۔‘‘
	اس خیال سے میرے اندر اداسی پھیل جاتی۔جیسے ڈوبنے والا جتنے ہاتھ پاؤں مارے اتنی ہی تیزی سے دریا کی تہہ میں بیٹھتا چلا جاتا ہے۔میں بھی صحیح راستہ چننا چاہتا تھا پر یہ اتنا آسان کہاں تھا۔ اس کے  لئے تو مجھے بہت سے سوالوں کے جواب دینا ہوں گے۔سوال جو کسی معجزے کی طرح میرے سامنے بکھرے تھے اور ہوش و خرد کی سب انگلیاں دانتوں میں دبی تھیں۔اس کے  لئے تو مجھے بہت شروع سے آغاز کرنا پڑے گا۔بہت ساری باتیں جو بنا سمجھے شعور کا حصہ بن گئی ہیں انہیں کھوجنا ہو گا۔یہ ایسے ہی ہے جیسے کوئی نکما طالبِ علم کچھ قسمت،بہت ہوشیاری اور اساتذہ کی مروت کے باعث پاس ہوتا چلا جائے اور اپنی ڈگری ختم کرنے سے کچھ پہلے اسے (شاید رومی کا کوئی شعر سن کر)علم سے محبت ہو جائے۔اب اس کے گرد ان کتابوں کا ڈھیر لگا ہے جن سے اسے محبت ہے پر وہ جنہیں سمجھ نہیں سکتا۔پر اب کیا ہو سکتا ہے؟ کیا وہ پھر سے پہلی جماعت میں جا بیٹھے؟۔۔۔۔نہیں ایسا ممکن نہیں رہتا۔ سو وہ پتھر کی دیواروں سے سر ٹکراتا رہتا ہے اور باقی کی زندگی اپنی محبت کے مدفن پر گذار دیتا ہے۔
	تو اس کے  لئے مجھے بہت بنیادی سوالوں کو کھوجنا تھا۔جیسے میرے دشمن کون ہیں ؟وہ مجھ سے کیا چاہتے ہیں ؟
	آپ یقیناً مجھ پر ہنسو گے۔مگر میں سچ کہتا ہوں کہ میں انہیں نہیں جانتا۔میں نے پیدائش پر لوریوں کے ساتھ ان کی خرخراہٹیں بھی سنی تھیں۔وہ کئی مرتبہ میرے قریب آ گئے پر وہ کبھی مجھے پکڑ نہ پائے کہ تب بھی میں بھاگ رہا تھا (میرا باپ مجھے اٹھائے بھاگتا تھا)۔تو اس طرح یہ خوف گویا مجھے ورثے میں ملا ہے۔اور ورثے میں ملنے والی چیزیں عجیب ہوتی ہیں۔ آپ ان کی قیمت سے تو بخوبی آگاہ ہوتے ہو مگر اہمیت کبھی نہیں جان سکتے۔وہ تو کسی اور ہی زندگی کسی اور ہی تجربے کا حصہ ہوتی ہیں۔۔۔تجربہ ہم جس کے اثرات ساری عمر محسوس کرتے ہیں مگر خود اسے کبھی محسوس نہیں کر سکتے۔اور جب کبھی میرے دشمن تھکاوٹ کے باعث سستانے کو رکتے (اور آرام کا وقفہ تو بھیانک جنگوں کے بیچ بھی ہوتا ہے)تو میرا ہانپتا باپ بھی رک جاتا۔ایسے میں وہ مجھے زمین پر چلاتا۔ مجھے دو قدموں پر خود کو متوازن کرنا سکھاتا۔اسی فرار کے بیچ کہیں ایک دن میں نے بھاگنا سیکھ لیا۔اس دن میرے باپ کے چہرے پر ایک بہت بڑی مسرت تھی۔اس کی آنکھیں خمار آلودہ لگ رہی تھیں۔ایسے لگتا تھا جیسے اسے بڑی نیند آ رہی ہو۔۔۔بہت بڑی نیند۔ایسی نیند جس کے بعد آپ کبھی بیدار نہیں رہ سکتے۔جس کے بعد لوگ اپنی گاڑیاں سڑک کنارے کھڑے درختوں سے ٹکرا بیٹھتے ہیں،جس کے باعث لوگ ٹرین میں بے خبر رہتے ہیں اور انکے شہر گزر جاتے ہیں۔
	مجھے پھر سے ان کے جاگنے کی صدائیں سنائی دیں اور میں پوری قوت سے بھاگ کھڑا ہوا۔میری ٹانگوں میں تب اعلی نسل کے گھوڑوں کی سی پھرتی تھی اور جسم میں توانائی کا ایک نہ ختم ہونے والا سورج آ بیٹھا تھا۔وہ آوازیں رفتہ رفتہ بہت دور ہونے لگیں۔مجھے لگا جیسے میں کامیاب ہو گیا ہوں۔جیسے اس رفتار سے بھاگتے ہوئے میں انہیں اتنی دور چھوڑ دوں گا کہ پھر کبھی وہ میرا سراغ نہ پا سکیں گے۔میں بھاگتا رہا اور پھر جب مجھے احساس ہوا کہ میں بہت اکیلا ہو گیا ہوں تو میں ٹھہر گیا اور خوفزدہ نظروں سے چاروں طرف دیکھنے لگا۔۔۔۔میرا باپ کہیں نہیں تھا۔شاید میں اتنی تیز بھاگا تھا کہ اسے کہیں پیچھے چھوڑ آیا تھا (آخر وہ بوڑھی ہڈیوں کے ساتھ کہاں تک میری رفتار کا ساتھ دیتا؟)یا پھر جیسے وہ آج میرے ساتھ بھاگا ہی نہیں تھا۔اسے تو نیند آ رہی تھی۔وہ تو بس سورہا ہو گا۔کیا خبر کہ دشمنوں نے گزرتے ہوئے ایک نظر اس کے بے سدھ وجود پر ڈالی ہو اور یہ سوچ کر اسے چھوڑ گئے ہوں کہ ’’شکارِ مردہ سزاوارِ شاہباز نہیں ‘‘۔۔۔۔پر یہ بھی تو ممکن تھا کہ میں اتنی تیز نہ بھاگ سکا ہوں جیسے کہ میں سمجھ رہا تھا۔بس وہی ٹھہر گئے ہوں اور اب اپنے لمبے لمبے دانتوں سے اس جسم کو ادھیڑتے ہوں جس نے برسوں مجھے سینے سے لگائے رکھا تھا۔
	میں واپس جانا چاہتا تھا۔میں چاہتا تھا کہ پھر سے باپ کے سامنے جا کھڑا ہوں۔مجھے دیکھ کر وہ یقیناً اٹھ کھڑا ہو گا اور مجھے اٹھائے پھر سے بھاگنے لگے گا۔۔۔۔میں ایسا کر سکتا تھا۔میں جانتا تھا کہ اسے مجھ سے کم از کم اتنی محبت تو ہے کہ وہ موت کو بھی اٹھا کر پٹخ سکتا تھا۔۔۔پر کیا میں واقعی اس کے تھکے ہوئے جسم کو پھر سے بھگانا چاہتا تھا؟میری نظروں کے سامنے اس کا پر اضطراب چہر ہ گھومنے لگا۔کیا زندگی اتنی قیمتی شئے ہے جس کے  لئے اس بے معنی دوڑ میں شامل ہو ا جا سکے۔۔۔۔میرے پاس اس سوال کا جواب نہیں تھا اس لئے وہیں کھڑا سوچتا رہا یہاں تک کہ ایک دہشتناک howlingسنائی دی۔۔۔جیسے ہزاروں عفریت اپنے ہونے کا اعلان کر رہے ہوں اور پھر میرے اردگرد افریقی دھن میں کوئی ڈھول بجنے لگا، میری رگوں میں بہتا خون گرم لاوے کی صورت ابلنے لگا اور میں پھر پوری قوت سے دوڑ رہا تھا۔
٭٭٭

ہجوم اور تنہائی

	اتنا بڑا شہر ہے اور میں پتھر کی اس بنچ پر اکیلا بیٹھا ہوں۔ میں نے اپنی مٹھیاں بھینچ رکھی ہیں حالانکہ ان میں کچھ ہے نہیں جسے کھو دینے کا ڈر ہو۔ہوا قدرے خنک ہے اور بڑی آہستگی سے میرے چاروں طرف سرسرا رہی ہے۔ ایک اور رات ہے جو مجھے گزارنی ہے۔ابھی کچھ گھنٹوں کے بعد وہاں اس بلند مکان کی اوٹ سے روشنی کی کرنیں نکلیں گی اور تھوڑی ہی دیر میں یہ سارا طلسم ختم ہو جائے گا۔ گاڑیوں کا ایک کارواں نکلے گا اور سناٹا کہیں دور جنگلوں میں دبک جائے گا۔ میں پھر سے روشنی میں اپنے جسم پر نظر ڈالوں گا اور  ایک بڑی بدمزگی میری روح میں در آئے گی۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے کوئی ساری رات جھیل میں ہاتھ ڈالے پانی کو ہٹاتا رہے اور سوچے کہ صبح ہونے پر شاید کوئی چھوٹا سا گڑھا ہی پڑ جائے پانی کی سطح پر۔ وہ کام جو اندھیرے میں بہت آسان، بہت ممکن لگتا تھا اب پھر سے ایک ناممکن کی طرح سامنے کھڑا ہے۔ میں اسی  لئے روشنی کو پسند نہیں کرتا۔ یہ بھی شہر کی طرح ہے۔ اس میں ہر چیز بہت rigid،بہت سخت نظر آتی ہے۔جسے بدلا نہ جا سکے۔
	میں نے جب سے شعور سنبھالا خود کو بدلنے کی کوشش کر رہا ہوں۔میرے سامنے کامیاب لوگوں،عظیم شخصیات کا ایک ہجوم تھا۔ اور میں ان ہزاروں بے ترتیب ٹکڑوں کو جوڑ کر ایک آئیڈیل بناتا اور پھر خود اس میں ڈھلنے کی کوشش کرتا۔ ہر نئے دن میرا آئیڈیل بدلتا۔ ہر نئے دن میں ناکام ہوتا اور ہر نئی رات میں پھر سے ایک نئے جذبے سے اٹھتا۔ برسوں گزر گئے اور جب ایک دن میں اس کھیل سے تھک گیا۔۔۔۔۔۔تو میں بوڑھا ہو گیا۔ اب میں کوئی آئیڈیل نہیں بناتا،اب میں کوئی کوشش نہیں کرتا۔اب میں صرف انتظار کرتا ہوں کسی معجزے کا۔
	یہ شہر مجھ سے بہت مختلف ہے۔شاید میرے جیسے کچھ اور بھی ہوں گے مگر میں انہیں جانتا نہیں۔ وہ سب بھی اپنے اپنے کونوں میں دبکے ہانپ رہے ہوں گے۔دوسرے سب جن سے یہ شہر بھرا پڑا ہے وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کے کسی لمحے میں ایک سمجھوتا کر لیا۔اور بس ایک سمجھوتا ہی تو چاہیے ہوتا ہے۔ ایک جواب جو کوئی بھی ہو سکتا ہے،ساری دنیا کے سوالوں کو خاموش کر سکتا ہے۔ ہے نہ عجیب بات؟ہم لوگ ساری زندگی کی محنت کے بعد بھی مطمئن نہیں ہوتے اور اس سوال کا جواب کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ایک مصور کے  لئے اس کا جواب تصویریں بنا نا ہے اور اس جواب کے پیروکاروں میں سڑک کے کنارے بیٹھے اس کیچ کھینچنے والوں سے لے کر ملین ڈالرز کی تصویریں بیچنے والے سبھی ہیں۔کسی کے نزدیک اس کا جواب کوئی کھیل ہے اور وہ ساری زندگی گیند کو ایک پوسٹ سے دوسری پوسٹ تک لے جانے میں صرف کر دیتا ہے۔ایسے ہی معمار ہیں،سپاہی ہیں،ڈاکٹر ہیں۔ان میں سے ہر ایک نے کبھی نہ کبھی یہ فیصلہ کر لیا کہ آج سے یہ جواب زندگی کے ہر سوال کا احاطہ کرے گا۔پھر اس کے بعد ایک لمبی جدوجہد کی کہانی ہے جس میں انہیں اپنے فیصلے کو حق بجانب ثابت کرنا ہے۔عجیب لوگ ہیں یہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
	مگر میں ان پر ہنسوں گا نہیں۔ میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔ میں انہی کی اندھی نفسانیت کے وجہ سے وجود میں آیا،میں انہی کے آباد کئے ہوئے شہروں میں رہتا ہوں،ان کی بنائی ہوئی سڑکوں پر چلتا ہوں۔مجھے کوئی حق نہیں کہ میں انہیں غلط کہ سکوں۔ میرے پاس کچھ بھی نہیں کہ میں ان کی نفی کر سکوں۔ سو دل ایک بڑے احسان کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ اور میں بنچ پر خاموش بیٹھا ہوں۔
٭٭٭

سانپ اور آدمی

	موت زندگی کے گھر میں چھپا ایک سانپ ہے جسے وہ بس کبھی کبھار دیکھ سکتی ہے۔۔۔۔۔۔جیسے وہ جب سرسراتا ہوا ایک بل سے دوسرے بل میں جاتا ہو۔
	وہ دونوں برسوں سے ساتھ رہ کر بھی ایک دوسرے پر اعتبار کرنا نہیں سیکھ پاتے۔زندگی بڑے بڑے سپیروں کو بلاتی ہے، ڈنڈوں سے اس کا سر کچلنے کی کوشش کرتی ہے،اپنے گھر میں جا بجا زہر ملے دودھ کے پیالے رکھتی ہے۔
	پر ایک حقیقت جو زندگی سمجھ نہیں پاتی کہ وہ سانپ تو جانے کے لئے آیا ہی نہیں۔سانپ کا بھی اس گھر پر اتنا ہی حق ہے جتنا حق زندگی کا ہے۔ایک مقررہ ساعت تک وہ یہاں سرسراتا رہے گا۔زندگی بس کبھی کبھار گویا اس کی پرچھائی ہی دیکھ پائے گی۔اور یونہی چلے گا ا س ایک دن سے پہلے۔
	زندگی کو موت سا دوست کہاں مل سکتا ہے؟اس ایک دن سے پہلے زندگی اور موت کی دوستی بہت ممکن ہے۔جب آپ اسے گھر سے باہر دھکیل نہیں سکتے تو کیوں نہ اس سے باتیں کر کر اپنی تنہائی دور کر لو؟جب کبھی ایک دوسرے کو دیکھو تو بس مسکرا دو۔حقیقت بس یہی ہے کہ موت کا بھی اس گھر پر اتنا ہی حق ہے جتنا کہ زندگی کا ہے۔ ہم جتنی جلدی یہ سمجھ لیں تو بہتر ہے۔
٭٭٭

ایک شاعر تھا۔۔۔۔
	
	ایک شاعر محبت اور حسن کی حکایات لکھتا تھا۔اس کے خیالات اتنے نرم و نازک تھے کہ سروسمن انکے سامنے شرماتے تھے اور اس کی سوچ اتنی بلند تھی کہ کوئی پرند وہاں تک پرواز کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتا تھا۔
	ایک دن خدائے بزرگ و برتر نے اس شاعر کو اس کے پر تعیش مکان سے نکال کر گندی تعفن زدہ گلیوں میں لا پھینکا۔وہ گلیاں جہاں کھانے کے لئے اسے کتے بلیوں اور اپنی ہی قبیل کے دوسرے انسانوں سے مقابلہ کرنا پڑتا تھا۔اس کے کپڑے پھٹ کر چیتھڑے بن گئے اور جسم میں جوئیں بسنے لگیں۔
	ایسے میں ایک مسکراہٹ کے جلو میں ندا آئی’’اب کہو محبت کا ترانہ۔اب کہو عشق کی حکایات۔اب ڈوبو عشقِ حقیقی کے سمندر میں اگر تم سچے ہو۔‘‘
	شاعر نے بے بسی سے خود کی طرف دیکھا اور سجدے میں گر گیا۔وہ شاعر نہیں تھا وقت نے اسے شاعر بنایا تھا۔اس میں اس کی اپنی کوئی خوبی نہیں تھی۔اس نے ہاتھ اٹھا دیے کہ پروردگار نہیں لکھ پاؤں گا۔
	’’یہ تھی تمہاری محبت کی حقیقت؟یہ تھی تمہارے عشق کی انتہا؟اب اٹھو اور ثابت کر دکھاؤ کہ تم واقعی روحِ ازل کے نور میں ڈوب کر لکھتے تھے۔اب پہنچو عشقِ حقیقی تک اگر تم سچے ہو‘‘
	شاعر نے عشق نہیں کیا۔وہ کر بھی نہیں سکتا تھا۔ہاں لیکن اس نے بغاوت کے ایسے ترانے لکھے جنہوں نے پوری سلطنت میں آگ لگا دی۔
٭٭٭

نامکمل پیاس کی سزا

	نہیں۔۔۔۔۔میں ایسے جواب اس لئے تو نہیں دیتا کہ مجھے کسی کو متاثر کرنا تھا۔یہ تو بس جیسے اس سوال کا ممکن جواب تھا۔۔۔۔۔جواب جسے چند گھنٹے کی اس نشست میں اطمینان سے سمیٹا جا سکے۔جواب جس کے بعد ہر چہرے پر ایک طمانیت خیز مسکراہٹ ہو۔اب اگر کہیں میں اپنے اصل خیالات کی بات کرتا تو شاید رات گزرنے پر بھی میں خود کو سمجھا نہ پاتا۔اور پھر کیا لوگ واقعی سمجھنا بھی چاہتے ہیں ؟
	میرے ساتھ ایسا کئی مرتبہ ہو چکا تھا۔میں اب جان گیا تھا کہ لوگ ایسے سوالات محض مروتا پوچھتے ہیں۔درحقیقت انہیں اصل جوابوں سے کوئی دلچسپی نہیں ہوتی۔تو ایسے میں ہمیں اپنے جوابات سے انہیں تنگ نہیں کرنا چاہیے۔پے در پے مایوسیوں کے بعد میں نے بھی ایسے جوابات تخلیق کر  لئے تھے جو سچ نہ سہی مگر کم از کم اتنے دلچسپ تو تھے کہ مجھے سنکی کہلوانے سے بچا سکتے۔
	لیکن دل کے کسی گوشے میں میں بہت سے جوابات  لئے بیٹھا تھا۔۔۔۔۔مکمل،سچے اور خوبصورت جوابات۔پر کوئی انہیں ایسے ہی حاصل نہ کر پائے گا۔انہیں اس کے  لئے مروت کی سرحد سے ذرا آگے بڑھنا ہو گا۔تھوڑی سی دلچسپی،بہت سا اعتماد اور ایک پر جوش دل۔۔۔۔۔اور میں آپ کو سب کچھ بتا ڈالوں گا۔میں اگر جھوٹ بول رہا تھا تو صرف اس لئے کہ یہاں سچ سننے پر تیا ر تھا ہی کون؟پر کبھی کبھی میں اس لایعنیت سے اکتا جاتا۔کبھی کبھی میں ایسے سامع کا منتظر رہتا جو برملا کہ سکے
	’’یہ بکواس ہے۔میں جانتا ہوں کہ تم جھوٹ بول رہے ہو۔میں جانتا ہوں کہ تم کچھ چھپا رہے ہو۔‘‘
	ایسے بے باک جواب پر یقین امیں ششدر رہ جاتا لیکن یہ حیرت بس ایک لمحے کو ہوتی۔تھوڑی ہی دیر میں میری آنکھیں تشکر سے بھر آتیں، میرا دل ایک گونہ خوشی سے سرشار ہو جاتا اور وہ اپنے سینے میں چھپائے ہر راز کو کھول دیتا۔پر ایسا کبھی نہ ہو سکا تھا۔
	کتنی عجیب بات ہے کہ جب بچپن میں آپ کے پاس کہنے کو کچھ بھی نہیں ہوتا تو آپ کے گرد گھومتا ہر شخص کچھ سننا چاہتا ہے۔آپ بے معنی سی غوں غاں پر انکے چہرے دمکتے پاتے ہو اور آپ کا دل ایک احسان کے بوجھ تلے دبا جاتا ہے۔اب آپ کو اس احسان کا بدلہ اتارنا ہے۔شاید بہترین مکمل حل یہی ہے کہ کچھ سیکھا جائے۔۔۔۔۔کوئی مفید،کوئی بہترین چیز۔صرف یہی ایک راستہ ہے کہ وہ اس بیکار مشق سے کچھ حاصل کر پائیں گے۔تو آپ بہت کچھ سیکھ لیتے ہو پر اس مایوسی کا کیا کہوں جب لوگ آپ کو سننے سے انکار کر دیتے ہیں۔۔۔۔۔اور آپ علم اور سچائی اور اسراروں کے بوجھ تلے دبے جاتے ہو۔آپ نے یہ سب حاصل کرنے کے لئے انتھک محنت کی،آپ کی آنکھوں کے گرد حلقے پڑ گئے اور نتیجہ کیا ہوا؟
	میں اب حقیقت جان گیا تھا۔لوگ ظاہر کرتے ہیں کہ وہ دلچسپی لے رہے ہیں۔لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ دلچسپی لے رہے ہیں۔۔۔۔۔پر ایسا ہوتا نہیں ہے۔تو اب میرے جوابات بھی ناسٹراڈیمس کی پیشن گوئیوں کی طرح پیچیدہ،دلچسپ اور معانی کی کئی جہتیں  لئے ہوتے تھے۔سچائی بھی شاید ان کے کہیں بیچ میں پوشیدہ ہے۔۔۔۔۔مگر تم اسے کبھی ڈھونڈ نہ پاؤ گے۔یہ سزا ہے تمہاری نامکمل پیاس کی،یہ نتیجہ ہے تمہاری غیر ضروری انا کا۔ اب جاؤ اور اپنی زندگیوں کا ضائع کرتے رہو۔۔۔۔۔ان مفاہیم کے پیچھے جو ان میں ہیں ہی نہیں،ان معانی کی کھوج میں جو تمہارے خیال میں ان کی تہہ میں چھپے ہیں۔
٭٭٭

انقلاب

	انقلاب کبھی ظلم کے حد سے بڑھ جانے سے نہیں آیا کرتا کہ ظلم کرنے والے کبھی ظلم سے نہ تھکیں گے اور جبر سہنے والوں کی برداشت کی آخری حد بھی کوئی نہیں۔
	تاریخ کے صفحات بربریت کی داستانوں سے بھرے پڑے ہیں۔ لاکھوں انسانوں کی زندگیاں جنگ کی قربان گاہ پر چڑھا دی جاتی ہیں اور انقلاب کی نیند نہیں ٹوٹتی، چھوٹے معصوم بچوں کو سلاخوں پر چڑھا کر زندہ بھونا جاتا ہے اور ان کی دلدوز چیخیں انقلاب کی سماعتوں سے پھسل پھسل جاتی ہیں، عفت کی نگہبانی کرتے نوجوان لڑکیوں کے جسموں سے گہرے کنویں بھر جاتے ہیں اور انقلاب کروٹ تلک نہیں لیتا، بھوک سے پوری پوری بستیاں ہڈیوں کے ڈھانچوں میں ڈھل جاتی ہیں اور انقلاب محو خواب رہتے ہیں۔
	چیخیں، کراہیں، نعرے، دلیلیں سب بیکار ہیں۔ انقلاب آتے ہیں تو بس اس لئے کہ ’’ہم‘‘ کے سمندر کا ایک ادنی سا قطرہ اپنی سماعتوں کو اس اذلی سرگوشی کے لئے کھول دیتا ے۔۔۔۔۔۔ سرگوشی جو رب العزت نے اس پتلا خاکی میں اپنی روح پھونکتے ہوئے کی تھی۔ سرگوشی کہ ہم گو کیسی ہی بے حقیقت مخلوق نظر آئیں پر اس دنیا میں خدا کا مستقر ہمارا دل ہے۔ہم اس دنیا میں خدا کا نور  لئے پھرتے ہیں۔
	اور خدا نہ ظلم کرتا ہے اور نہ ظلم برداشت کرتا ہے۔ خدا جس کی موجودگی میں کائناتیں سمٹتی جاتی ہیں اور ناممکن، لاحاصل جیسے الفاظ جس کے سایے میں اپنے مطلب کھونے لگتے ہیں۔ تو ’’میں ‘‘ کا ایک چھوٹا سا قطرہ اس سرگوشی پر اپنی سماعتوں کو کھولتا ہے اور انقلاب ہاتھوں میں آگ کے گرز  لئے ظلم پر ٹوٹ پڑتا ہے۔
٭٭٭


بڑا شہر

	 
	مجھ سے پوچھو کہ بڑا شہر کیسے بنتا ہے؟ کروڑوں لوگوں کو چھوٹا بنا کر۔
	وہ لاکھوں آنکھیں جو کائنات کی تسخیر جیسے بڑے بڑے خواب دیکھتی تھیں انہیں سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے ہر روز سو کیک بنانے پر، ہر صبح تین سو اخبار پھینکنے پر، ہر رات کسی بن چاہی بانہوں میں سونے پر اور جب بہت سے لوگ ایسا کرنے پر رضامند ہو جاتے ہیں تو ان چھوٹے چھوٹے حقیر ٹکڑوں کو جوڑ کر ایک شہر وجود میں آتا ہے۔
٭٭٭

گڈریا، بھیڑ اور بھیڑیا

	شام کے سائے گہرے ہوتے ہی گڈریے نے اپنے باڑے کا دروازہ مضبوطی سے بند کر دیا اور لاٹھی  لئے اندھیرے کی گود میں اتر گیا۔پتھروں سے ٹھوکر کھاتا، کانٹے دار جھاڑیوں سے ٹکراتا وہ اونچی آواز میں صدائیں لگاتا چلا جاتا ہے۔ اس بھیڑ کو پکارتا ہے جو واپسی کے سفر میں کہیں کھو گئی تھی۔ اس لئے نہیں کہ اسے بھیڑ کی ضرورت ہے۔اس کا باڑا تو ایسی سینکڑوں بھیڑوں سے بھرا پڑا ہے۔ وہ اس پرخطر راستے پہ جاتا ہے تو صرف اس لئے کہ اس نے اندھیروں میں کھو جانے والی بھیڑوں کا انجام دیکھا ہے۔ وہ اسے ڈھونڈتا ہے تو صرف اس لئے کہ اسے اس بھیڑ سے محبت ہے۔
	بھیڑ ایک کھو ہ میں دبکی ہے۔ قافلے سے بچھڑ کر شام ڈھلنے سے پہلے اس نے ایسی پناہ گاہ ڈھونڈ لی تھی جہاں چاہے تو وہ ایک رات بڑے آرام سے گذار سکتی ہے۔ مگر وہ اپنی محفوظ پناہ گاہ چھوڑ دیتی ہے اور کھائی کے کنارے بنے چھوٹے راستے اور بھیڑیے کے خوف سے بھرے اندھیرے میں نکل آتی ہے اور یہ سب صرف اس لئے کہ وہ اپنے گڈریے کو پوری رات ویرانوں میں ڈھونڈتے نہیں دیکھ سکتی۔
	اور بھیڑیا جس نے آج سرِ شام ہی ہوا میں ایک بھٹک جانے والی بھیڑ کی خوشبو سونگھ لی تھی بڑی مشاقی سے ان پتھریلے راستوں پہ گھومتا ہے اور تھوڑی تھوڑی دیر میں ایک دل دہلا دینے والی howlingسے ردائے سکوت کو پھاڑتا چلا جاتا ہے۔ اپنے تئیں وہ پیٹ کی بھوک مٹانے چلا ہے۔اسے کون سمجھائے کہ وہ اپنے ہر قدم کے ساتھ ایک لازوال فسانہ محبت کو حصہ بنتا چلا جاتا ہے۔
٭٭٭


گدھ زندہ چیزیں نہیں کھاتے۔۔۔۔۔


	میرا اکڑا ہوا مردہ جسم کئی گھنٹے اس ٹھنڈی جھیل کے کنارے پڑا رہا کچھ ایسے کہ میری کھلی آنکھیں اب بھی اس پیچ و خم کھاتی پگڈنڈی پر جمی تھیں جس پر کسی بے مہر کے وصل کا وعدہ مہرباں بادل کی طرح ٹھہرا تھا۔میں وہیں رہا یہاں تک کہ لمبی مڑی ہوئی چونچوں والے چھ گدھ میرے جسم پر اترے۔ کچھ ایسے کہ انہوں نے میرے سارے وجود کو ڈھانپ لیا۔
ٍ	اس شام سورج ڈھلنے کو چلا تو وہ چھ گدھ ایک اونچی چٹان پر بیٹھے تھے اور زمین پر میرے جسم کی باقیات میں بس دو آنکھیں بچی تھیں۔۔۔۔۔۔ دو آنکھیں ا ب بھی سلامت تھیں کہ گدھ زندہ چیزیں نہیں کھاتے۔ دو آنکھیں جو اب بھی اسی راستے کو دیکھتی تھیں جس پر کسی بے مہر کا وعدہ مہرباں بادل کی طرح ٹھہرا تھا۔
٭٭٭


لفظوں کی حرمت


	آنکھیں بند کر لینے پر جو چادر سامنے تن جاتی ہے اسے اندھیرا نہیں کہتے۔ گھر کا دروازہ بھیڑ لینے پر جو سکوت آپ کے جسم سے ٹکراتا ہے اسے تنہائی سے کوئی نسبت نہیں۔گوگل پر خدا لکھ کر ڈھونڈنے والوں کی بے بسی کو تلاش کا نام نہیں دے سکتے۔
	ہمارے عہد نے ہمیں علم کے زرق برق لباس تو پہنا دیے ہیں پر ہم سے لفظوں کی حرمت چھین لی ہے۔
٭٭٭


خوابوں کی بارش

	خوابوں کی بارش عجیب بارش ہے۔ اس میں گڈریے کی پور پور بھیگ جاتی ہے اور بھیڑیں ہیں کہ ان کی پشت پر ذرا سی حرکت پر اڑنے والی دھول تک نہیں ٹھہرتی۔
	خواب، بارش کی صورت بلا تفریق پورے شہر پہ برستے ہیں۔یہ اور بات ہے کہ شیشے کے محلات کی مخروطی چھتوں سے بہہ کر وہ دھرتی میں ہمیشہ کے لئے گم ہو جاتے ہیں اور غریب کے کچے مکان کی چھت سے ٹپک ٹپک کروہ اس کا سارا گھر جل تھل کر دیتے ہیں۔
	خواب بارشوں کی چند گھنٹے کی جھڑی ندی نالوں میں طغیانی لے آتی ہے مگر وہ بھلے ہفتوں تک برستی رہے کبھی سوئمنگ پول میں طوفان نہیں لا پاتی۔
	خوابوں کی گھٹا پورے شہر کو تھوڑی دیر کے لئے سورج دیوتا کی قہر انگیز نگاہوں سے چھپا لیتی ہے۔ پر کتنے بدقسمت ہیں وہ لوگ جو بہت اتراتے ہوئے اپنے گھروں میں chandeliers جلا کر پھر سے حقیقت کی روشنی بھر لیتے ہیں 
٭٭٭


دل میں رقصاں روشنی


	جگنو کو وہ روشنی نہیں اڑاتی جو اس کی دم پر ٹھہری ہے بلکہ وہ پرواز اس روشنی میں کرتا ہے جو اس کے دل میں رقصاں ہے
٭٭٭


اجنبی پرندہ


	میں نے صبح اپنی کھڑکی کے پردے ہٹائے تو ایک خوبصورت پرندہ دیکھا۔ وہ ایسا پرندہ نہیں تھا جیسے گھروں کے باغیچوں میں اڑتے پھرتے ہیں۔ وہ تو ایسا  پرندہ تھا جیسے آپ چڑیا گھر میں بھی نہیں دیکھ پاتے۔شاید پورا دن کسی گھنے جنگل کی خاک چھانو تو شام ہونے سے ذرا پہلے آپ اس کی جھلک ہی دیکھ پاؤ۔
	پر وہ وہاں تھا۔میرے گھر کی بے رنگ سی کھڑکی کے سامنے کھڑے پیڑ پر بیٹھا مجھے تکتا تھا۔اس کی آنکھوں میں میرے  لئے کوئی پیغام نہیں تھا۔ شکر ہے کہ اس کی آنکھوں میں میرے  لئے کوئی پیغام نہیں تھا کہ پیغام تو میں اتنے سن چکا تھا کہ علم اب ایک نمکین سمندر کی صورت مجھے چاروں طرف سے گھیرے تھا اور عمل کی تشنگی تھی کہ مجھے صحراؤں کی ویرانی کی طرح ہولاتی تھی۔
٭٭٭

مانوس کہانی کے بھولے ہوئے اوراق

	ایک الوہی توازن کے سمندر میں تیرتی کائنات میں جنات کی تخلیق بھڑکتی ہوئی آگ (آگ +ہوا) سے کی گئی۔اور ان جنات میں سے ایک (ابلیس) نیکی وپارسائی میں اتنا بڑھا کہ اس کا شمار مقرب ترین فرشتوں میں ہونے لگا۔ اس نے قعرِ مذلت کی گہرائیوں سے نور کی رفعتوں کا سفر کچھ ایسی سرعت سے طے کیا کہ اسے گمان ہونے لگا کہ جیسے اس کی تخلیق نعوذ باللہ رب باری تعالی کے ہمزاد کے طور پر کی گئی ہے۔ 
	اس خیال کی کونپل اس کے دل میں ایک امتحان کے طور پر لگائی گئی تھی اور وہ اگر سچا عاشق ہوتا تو سجدے میں گر جاتا اور اس خیال کی حقیقت جاننے کی کوشش کرتا۔ پر اس کے دل میں کھوٹ تھا اور اسی  لئے اس نے اس خیال کو دل کے نہاں خانوں میں چھپا لیا اور منتظر رہا کہ کب اسے کائنات کی بادشاہت سونپ دی جاتی ہے۔
	اور پھر ایک دن اللہ نے گارے (مٹی+پانی) سے انسان کی تخلیق کی اور جنات و ملائکہ کو سجدے میں گرنے کا حکم دے دیا۔ کون اندازہ کر سکتا ہے ابلیس کے دل کا جس پر یہ حکم قیامت بن کر اترا۔ اس کے سامنے اب دو راستے تھے۔۔۔۔۔۔۔ یا تو سجدے میں گر جاتا اور ایک نئے توازن کا  حصہ بن جاتا اور یا پھر انکار کرتا اور ایک Chaos کی بنیاد رکھتا۔
	انکارِ ابلیس پر کائنات ساکن تھی کہ دیکھیے بھلا اس نافرمان کے ساتھ کیا معاملہ کیا جاتا ہے؟ پر مصلحت الٰہی کچھ اور تھی۔ اس کھیل میں ابھی ابلیس کو اپنی غلطی سدھارنے کا ایک اور موقع دیا جانا تھا اور آدم کو ایسا علم عطا ہونا تھا جو اسے آسمانوں میں اس کا مقام سمجھنے میں مدد دیتا۔
	تو بجز ایک شجرِ ممنوعہ کے آدم کو بہشت میں رہنے کی آزادی عطا کی گئی۔ میں یہاں اس تفصیل میں نہیں جاؤں گا کہ کیونکر ابلیس انہیں شجرِ ممنوعہ کھلانے میں کامیاب ہوا۔ ہاں مگر وہ پھر کھاتے ہی اسی مشرکانہ خیال کی کونپل آدم کے دل پر بھی اتری جس نے کبھی ابلیس کی ساری ریاضت کو کھا لیا تھا۔
	آدم کے سامنے وہی امتحان تھا پر اس کی سرشت ابلیس سے مختلف تھی اور اسی  لئے اس کا جواب بھی جدا تھا۔اس خیال کو دل میں چھپانے کی بجائے وہ اللہ کے سامنے سر بسجود ہوئے اور رحم و عافیت کی بھیک مانگنے لگے۔۔۔۔۔۔۔۔ اور یوں اللہ نے بڑے خوبصورت طریق پر شیطان کو جتلا دیا کہ کیونکر آدم کو اس پر فوقیت حاصل ہے۔
	کہانی مگر یہاں ختم نہیں ہوتی۔ ابلیس نے اپنی چالاکی سے شر کا جو بیج آدم کے دل میں بویا تھا وہ جڑ پکڑ چکا تھا۔ اب اگر آدم اس شر کے ساتھ جنت میں رہتا تو کبھی اس نور تک نہ پہنچ پاتا جو اس کی اصل، اس کی منتہا تھا۔ اس شر کی کثافت کو اتارنے کے لئے آدم کو زندگی کی بھٹی میں ڈال دیا گیا۔ اور ابلیس سے مردِ دانا نے بھی جان لیا کہ یہی وہ موقع ہے جہاں سے وہ اپنا کھویا ہوا مقام پھر سے پا سکتا ہے۔ اس نے بھی خود کو اپنی رضا سے اسی بھٹی میں جھونک دیا تاکہ آدم کو  جلد سے جلد اور کھرے سے کھرے روپ میں اللہ کے دربار میں لے کر آئے اور اپنا انعام پائے۔
	آدم و ابلیس منتظر ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ان کے ساتھ پوری کائنات ایک گہرے انتظار میں ہے۔ وہ وقت جب آدم اور نوعِ انسانی اپنی اصل یعنی زمین+پانی+نور= بہشت   کو لوٹ جائیں گے اور شیطان اپنی اصل یعنی   آگ+ہوا+جلال=جہنم   میں۔ اللہ کا دونوں سے کیا عہد پورا ہو گا اور کائنات پھر سے ایک خوش رنگ توازن کو لوٹ جائے گی۔
٭٭٭

عورت

	عورت ماؤنٹ ایورسٹ کی وہ یخ بستہ چوٹی ہے جسے دیکھنے والا اپنے اندر ایک الاؤ جلتا محسوس کرتا ہے۔کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ اس چوٹی کو سینکڑوں میل دور سے دیکھتا ہے، کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ اس چوٹی کو ٹیلی ویژن کی رنگین سکرین پر ہی دیکھ پاتا ہے مگر آگ ہر حال میں بھڑک اٹھتی ہے۔یہ اور بات ہے کہ ہم میں سے کتنے اپنی شرمناک حد تک معمولی زندگیوں کا بوجھ اتار کر اس سفر پر نکل پائیں پر وہ آگ ایک لمحے کو تو ہم سب کو چھوتی ہے۔
	اور اس راہ پر بہت سے نکلے بھی۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کوئی موسم کی شدت، کوئی بیابانوں میں نظریں جمائے بھیڑیوں اور کوئی پہاڑ کی بے مہر اونچائی سے ہار گیا۔مگر پہاڑ کافسوں ساون کے بادلوں کی طرح وہیں ٹھہرا رہا۔
	اور وہ چند لوگ جو ہزار قربانیوں کے بعد چوٹی پر جا پہنچے انہیں کیا ملا؟ ایک ویرانہ جہاں ایسی تیز ہوا چلتی تھی کہ آنکھیں کھولنا مشکل ہوا جاتا تھا اور سردی ایسی کہ ہڈیوں میں گودا جما جاتا تھا اور ایک وحشت ناک تنہائی جس میں کوئی نسوانی سرگوشی بڑی شدت سے گونجتی تھی

 	’ ’کچھ رفعتیں سر کرنے کے لئے نہیں ہوتیں ‘‘
٭٭٭


Being Asad Ali

	میرے دوست نے مجھ سے ایک معصوم سوال پوچھا۔ کیا تم بتا پاؤ گے کہ اسد علی ہونا کیسا ہے؟ اور میں اس سوال کا جواب کھوجنے نکلا تو مجھے لگا جیسے میں کبھی اس سوال کا جواب ڈھونڈ نہیں پاؤں گا۔ پر میں غلط تھا۔ ہر سوال کا جواب ہوتا ہے صرف ہم اسے دیکھ نہیں پاتے۔جواب مقدس پہاڑ کی طرح ہوتے ہیں۔ ہم میں سے ہر ایک اپنے اندر یہ خواہش پاتا ہے کہ اسے مقدس پہاڑ پر پہنچنا چاہیے اور شاید گھر کے دروازے سے باہر تو سبھی نکلتے ہیں۔کوئی چند قدم چلتے بھی ہوں گے۔۔۔۔۔۔۔پر یہ راستہ عجیب سا راستہ ہے۔کبھی پہاڑ سامنے نظر آتا ہے پر آپ عمر بھر چلنے پر بھی پہنچ نہیں پاتے اور کبھی عمر بھر چلتے ہو اور پہاڑ کی جھلک بھی نہیں دیکھ پاتے۔ایک چیز جو میں زندگی سے سمجھا ہوں وہ یہ ہے کہ نہ پہاڑ اہم ہے اور نہ راستہ۔نہ مشکلیں اٹھانا اہم ہیں اور نہ مشکلوں سے بچ جانا۔ اہم ہے تو بس ایک بات کہ چاہے خوشی کی برسات ہو یا پھر چاہے غم کے صحرا کی تپتی ہوا۔۔۔۔۔۔ہمیں اپنے اندر کے ایک چراغ کو روشن رکھنا ہے۔بس یہ چھوٹا سا کام ہے ہمارا۔وہ چراغ جس کی روشنی کا لوگ مذاق اڑائیں گے جب ہم اسے بھری دوپہر میں اپنے ہاتھ میں لے کر نکلیں گے۔لوگ ہنسیں گے کہ کیوں بھلا ہم ایک ایسے چراغ کو ہوا سے بچانے کی کوشش میں ہلکان ہو رہے ہیں جس کی روشنی بھی سورج کی بے پناہ روشنی کی بدولت دیکھنا مشکل ہے۔جب تپتی دوپہروں میں لوگ سائے کی ایک جھلک اور ٹھنڈے پانی کے ایک قطرے کو ترسیں گے تو کون ہو گا جو اس گرم چراغ کو تھامنے پر (جس کی حدت میرے ہاتھوں کو پگھلائے دیتی ہے) مجھے مطعون نہیں کرے گا۔۔۔۔۔۔مجھے ان سے کوئی گلا نہیں ہے کہ وہ معصوم لوگ ہیں نہیں جانتے کہ اس راستے پر جس پر وہ بھاگے جاتے ہیں اور میں اس چراغ کی وجہ سے آہستہ آہستہ رینگتا ہوں۔۔۔۔۔ اس راستے پر ایک موڑ ایسا بھی آتا ہے جس کے بعد گھپ اندھیرا ہے۔اتنا اندھیرا کہ چراغ کے بنا ایک قدم نہیں اٹھایا جا سکتا۔ وہ نہیں جانتے اور شاید میں بھی نہیں جانتا مگر میں یہ چراغ اٹھائے چلتا ہوں۔ اور آ ج کے اس سفر کی یہ پہلی منزل ہے۔میری ہتھیلی پر رکھا ہوا چراغ۔۔۔۔۔۔۔۔


پہلی منزل۔۔۔۔۔ہتھیلی پر رکھا چراغ 

	جب میں اپنے آپ کو ڈھونڈنے نکلتا ہوں تو پہلی چیز جو میں محسوس کرتا ہوں و ہ ہتھیلی پر رکھا ایک چراغ ہے۔ایک شئے جو بہت نازک ہے۔جس کی حفاظت میں گویا میری پوری زندگی گزرتی چلی جا رہی ہے۔ ایک چیز جو دنیا کے اس راستے پر چلنے سے مجھے روکتی بھی ہے۔ایک چیز میں جس کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتا کہ اس کا مقصد کیا ہے۔ میں اس چیز کی وجہ سے دنیا کی تضحیک کا نشانہ بھی بنتا ہوں۔۔۔۔۔۔پر میرے اندر ایک یقین ہے۔ ایک شکر گذاری ہے کہ اگر میرے تخلیق کرنے والے نے میرے ہاتھ پر یہ شئے رکھی ہے تو یقیناً اس کا کچھ مقصد ضرور ہو گا۔ میں نے ابھی اوپر ذکر کیا تھا اس اندھیرے کا جس میں سفر صرف اس چراغ کو ہاتھ میں  لئے ہی ہو سکتا ہے۔ وہ محض میرے ذہن کی اختراع تھی۔۔۔۔۔سچ بتاؤں تو مجھے اس بات کا یقین نہیں ہے کہ ایسا ہو گا۔مجھے یقین نہیں ہے کہ اس راستے پر ایک ایسا مقام ضرور ہی آئے گا جہاں یہ چراغ مجھے کامیاب ہونے میں مدد دے گا۔نہیں مجھے اس بات کا یقین نہیں ہے۔ یہ تو جیسے ایک تسلی ہے جو جیسے میں اپنی بیٹیوں کو دیتا ہوں۔۔۔۔۔کہ اگر تم یہ سبزی کھا لو گی تو تم میں K-2پر جانے کی طاقت آ جائے گی۔یہ بات بس ایک تسلی ہے اور کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ 
	ہو سکتا ہے کہ یہ چراغ بس ایک امتحان ہو۔ وہ جو واقعہ ہے نہ کہ ایک پہلوان کو بادشاہ نے جان کے Threatکے ساتھ حکم دیا کہ ہر شام تمہیں اس برتن میں دریا سے پانی لے کر آنا ہے کچھ اس طرح کہ ایک قطرہ بھی گر نہ پائے۔ بادشاہ کو اس پانی سے کوئی سروکار نہیں تھا۔ پانی لانے سے پہلوان کو کچھ بھی نہیں ملنے والا تھا۔اور ہم بعد میں دیکھتے ہیں کہ اس سے اس کی صحت خراب ہی ہوئی مگر یہ ایک کام تھا جو اسے کرنا ہی تھی۔
	میں نہیں جانتا کہ یہ چراغ میرے پاس کیوں ہے۔جانتا ہوں تو بس اتنا کہ یہ چراغ میرے پاس ہے۔اسے اس ہستی نے میرے ہاتھ پر رکھا ہے جس نے دنیا کی کوئی چیز عبث نہیں بنائی۔اب یہ چراغ مجھے کسی منزل پر لے کر جاتا ہے یا پھر گمنامی کی اتھاہ گہرائیوں میں گرا دیتا ہے کوئی فرق نہیں پڑتا۔۔۔۔۔۔۔۔ایک غلام کو یہ سزاوار نہیں کہ وہ مالک کے دیے کام پر سوال کر سکے؟
	یہ پہلی منزل ہے مگر اس سے اگلی منزل زیادہ کٹھن ہے۔میں اس کے  لئے ایک دوسری مثال کو استعمال کروں گا۔

دوسری منزل۔۔۔۔۔دیو کے گھر میں قید شہزادی

	شہزادی کو دیو نے ایک بہت بڑے محل میں قید کر دیا۔محل جس کی چھت آسمان کو چھوتی تھی اور جس کی دیواریں ایسے پتھروں سے بنی تھیں جنہیں توپ کے گولے بھی شاید توڑ نہ پاتے اور دروازے۔۔۔۔۔۔۔اس گھر سے نکلنے کا صرف ایک دروازہ تھا جو سیسہ پگھلا کر بنایا گیا تھا اور وہ اتنا مضبوط تھا کہ ہاتھیوں کا لشکر بھی اسے توڑ نہ پاتا۔شہزادی کو دروازے کے باہر سے بڑے بڑے دیو پہرے داروں کی صدائیں بھی سنائی دیتی ہیں جو وقفے وقفے سے ہولناک آوازیں بھی نکالتے ہیں جو شہزادی کے دل کو دہلائے دیتے ہیں۔شہزادی محل میں بے حد تنگ ہے۔ وہ جانتی ہے کہ رات کو ہر صورت وہ ہولناک دیو واپس آئے گا اور پھر اس کے پاس کوئی چارہ نہیں رہے گا۔۔۔۔۔۔۔۔پر رات سے پہلے وہ کیا کر سکتی ہے؟ وہ پورا دن تنگ رہتی ہے۔ ہر وہ دعا کرتی ہے جو اسے یاد ہے مگر کچھ نہیں ہوتا اور پھر شام سے پہلے وہ گویا خودکشی کے ارادے سے دروازے تک پہنچتی ہے۔دروازہ کھولنے کی کوشش کرتی ہے تو اسے عجیب حیرت ہوتی ہے۔دروازہ تو کبھی بند تھا ہی نہیں۔ باہر کوئی پہرے دار بھی نہیں تھے بس ایک ٹیپ ریکاڈر رکھا تھا جو ہولناک آوازیں سنا رہا تھا۔ وہ دیکھتی ہے کہ محل کے باہر ایک اڑنے والا گھوڑا بھی کھڑا اس کی طرف دیکھتا ہے جو ایک لمحے میں اسے اس محل اور دیو سے بہت دور لے جائے گا۔
	شہزادی کو اب احساس ہوتا ہے کہ اس نے اپنی زندگی کا یہ اتنا اہم دن بس ایسے ہی برباد کر دیا۔ اسے شاید بہت پہلے اس دروازے پر پہنچ جانا چاہیے تھا۔ 
	تو دوسری منزل یہ احساس ہے کہ کہ کیا خبر ہتھیلی پر رکھا یہ چراغ ہی میرا واحد امتحان ہو؟ وہ رب العزت جب اپنے بندوں کے لئے امتحان بنا رہا تھا تو اس کی نظر ایک بہت کمزور سے انسا ن پر پڑی اور اس کی رحمت نے اس انسان کے جسم میں چھپی بیچارگی پر مہربانی کی اور حکم دیا کہ اس انسان کا امتحان آسان کر دو۔۔۔۔۔۔اتنا آسان جیسے بس اس کی ہتھیلی پر ایک چراغ رکھ دو اور اگر اس میں اتنا شعور ہوا کہ وہ چراغ کو چھوڑ کر بھاگتا ہوا منزل کی طرف جائے تو بس ایک جست اسے ہمارے پاس لے آئے۔۔۔۔۔۔۔۔ہم نے اسے عقل اور شعور اور وجدان کی صورت بہت طاقتور ہتھیار دے دئے ہیں۔ وہ یقیناً کامیاب ہو جائے گا۔ آخر کتنا مشکل ہو سکتا ہے جلتی دوپہر میں ایک چراغ کو ہاتھ سے رکھ دینا؟
	مجھے یاد ہے بچپن میں کرکٹ کھیلتے ہوئے کبھی کبھار جب میں چاہتا کہ میرا چھوٹا بھائی بھی کچھ سکور بنا لے تو میں اسے بہت ہی آسان گیند ڈالتا اور وہ جو مشکل گیندیں پھر بھی کھیل لیتا تھا اس آسان گیند پر آؤٹ ہو جاتا۔۔۔۔۔۔یہ گیند گرچہ بہت آسان ہوتی تھی پر جیسے کرکٹ کی کتابوں میں اس کا ذکر نہیں ہوتا تھا۔کہیں میرے ساتھ بھی کچھ ایسا تو نہیں ہو رہا۔ کسی نے مجھ پر بہت رحم کرتے ہوئے میرا امتحان بہت آسان کر دیا اور میں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔میں اس چراغ سے چمٹے ہوئے چلتا ہوں۔میں دروازہ کھولنے کی optionپر سوچتا ہیں نہیں ہوں۔
	ایک بوجھ اٹھانے والا ایک بھاری بوجھ اٹھائے منزل کی طرف بھاگتا ہے مگر کیا اسے خود سے یہ سوال کرنے کا حق نہیں ہے کہ وہ بوجھ اور وہ منزل۔۔۔۔۔ان دونوں کی legitimacyکیا ہے؟  یہ سوال اٹھانا میرا اختیار ہے یا نہیں میں نہیں جان پاتا اور تیسری منزل پر پہنچ جاتا ہوں۔

تیسری منزل۔۔۔۔۔گیم تھیوری

	میری تلاش میں اگلا پڑاؤ ایک اور سوال پر آتا ہے۔ کسے خبر کہ امتحان اس چراغ کے اٹھائے رکھنے اور زمین پر پھینک دینے سے زیادہ مشکل ہو؟ کیا خبر کہ گیم تھیوری کی طرح میرے سامنے calculated challengesاور predictable responsesکا لامتناہی جال بچھا ہو۔میں جسے اپنا فیصلہ سمجھتا ہوں وہ میرا فیصلہ ہی نہ ہو۔میں شام تک انتظار کرتا ہوں اور پھر شاید مجھے ٹیپ ریکاڈرسے گونجنے والی آوازوں کے بیچ ایک connectionسمجھ میں آ جاتا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ جیسے دال میں کچھ کالا ہے اور میں دروازے پر جا کر قسمت آزمائی کا فیصلہ کر لیتا ہوں۔پر کیا خبر کہ آوازوں کے بیچ یہ ایک predictable connectionجان بوجھ کر رکھا گیا ہو تاکہ شام کے قریب میں اسے پا لوں اور دروازہ کھول کر میں اس گھوڑے پر بیٹھ کر اڑ جاؤں۔اس angleسے دیکھیں تو میرا گزارا وہ پورا دن اور  شام کو میرا وہ heroic escapeسب ہی اپنے اصل معانی کھو بیٹھتے ہیں۔ یہ کھیل لکھنے والے کو ایک خاص وقت پر مجھے اڑتے ہوئے گھوڑے پر بٹھا کر ایک خاص آسمان پر اڑانا تھا۔تو کھیل لکھنے والوں نے سوچا کہ ایسے تو کھیل اپنا سب چارم کھو بیٹھے گا۔ ٹھیک ہے مقصد یہی ہے نہ کہ گھوڑے پر بیٹھے یہ شخص شام کو اس مقام سے گزرے تو کیوں نہ ہم اس مقصد کے گرد ایسی کہانی بن دیں کہ دلچسپی بھی قائم رہے، بھر م بھی قائم رہے، کہانی بھی چلتی رہے اور مقصد بھی حاصل ہو جائے۔۔۔۔۔۔۔۔اگر میں اب اپنی زندگی کو اس مختلف زاویے سے دیکھنے کی کوشش کروں تو ہر شئے کا مطلب بدل جاتا ہے۔ میں اللہ کے راستے پر نکلنے کے  لئے اپنی طرف سے سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر گھر واپس آتا ہوں۔سوچتا ہوں کہ اب دل میں کوئی آرزو باقی نہیں رہی۔میں نے اپنے بوجھ اتار دیے ہیں اور اب یقیناً وہ gravitational pullمجھے اپنی طرف کھینچ لے گی میں اصل میں جس سے belongکرتا ہوں اور ایسے میں ایک ایک لڑکی سامنے آتی ہے۔۔۔۔۔۔ایک لڑکی جس کے پیچھے عجیب دنیاؤں کی آوازیں آتی ہیں اور جو محبت کا دعوی کرتی ہے اور۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔Just like thatمیں اپنا راستہ بدل لیتا ہوں۔ اس لڑکی کو لے کر ایک نئی دنیا، ایک نیا مایا تخلیق کرنے لگ جاتا ہوں۔ پھر ایک دن کوئی اور آتا ہے اور میں کہیں اور چل پڑتا ہوں۔
	میں ایک دن سوچ رہا تھا کہ اگر مجھے ایک نئی زندگی دی جائے اور یہی حالات ملیں تو میں کیا مختلف کرتا۔۔۔۔۔۔۔۔کون ساراستہ ہے جو میں اس زندگی سے بہت مختلف چنتا؟ اور میں جو بظاہر خود کو کبھی اس زندگی میں خوش نہیں پا سکا تو یقیناً alternate lifeکی صورت میں میری سوچ نے مجھے ایک مرتبہ پھر چننے کا موقع ضرور دیا تھا۔ پر مجھے حیرت ہوئی کہ شاید دوبارہ انہی حالات میں میں یہی فیصلہ کرنے پر مجبور ہوتا۔ میں، میرا genetic code، میری روح، میرے حالات۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔یہ سب مل کر میرا یک خاص ریسپانس بناتے ہیں اور شاید دوبارہ بھی میں ایسا ہی کرتا۔ اپنی اس قسمت سے بھاگنے کا واحد حل جو مجھے نظر آتا ہے وہ یہی ہے کہ میں غیر منطقی جواب دینے کی صلاحیت اپنے اندر اگر پیدا کر سکتا تو شاید میں اس گیم تھیوری سے باہر نکل پاتا۔۔۔۔۔۔پر غیر منطقی جواب آسان نہیں ہوتا۔ جب راہ پر چلتی خوبصورت چھوٹی سی لڑکی آپ کی طرف دیکھ کر مسکراتی ہے تو جواب میں اسے گھور دینا یا چھڑی دکھا کر خوفزدہ کرنا کتنا مشکل کام ہے؟میں کیا یہ کبھی کر پاؤں گا؟ یہ میں اس کھیل سے کبھی نکل پاؤں گا جو کون جانے کس  لئے کھیلا جا رہا ہے اور کیا خبر اس matrixسے نکلنے کا واحد راستہ یہی غیر منطقی چالیں ہوں ؟

چوتھی منزل۔۔۔۔۔سرابِ سفر

	سراب دو طرح کے ہوتے ہیں۔ ایک منزل کے سراب جو مسافر کو آگے چلاتے ہیں اور دوسرے سفر کے سراب جو اسے کہیں بھی جانے سے روک دیتے ہیں۔۔۔۔۔دونوں میں بہت فرق ہوتا ہے۔ منزل کے سراب بے رحم سہی مگر یہ مسافر کو اس کی برداشت سے زیادہ سفر پر مجبور کرتے ہیں اور سفر کے سراب مسافر کی نیند کو اور گہرا کرتے ہیں۔ وہ کسی نخلستان میں پیڑ کے نیچے سو رہا ہوتا ہے اور خواب دیکھ رہا ہوتا ہے مشکلات کے، صحراؤں میں بھٹکنے کے۔۔۔۔۔۔ایسے مسافر کہیں نہیں پہنچتے۔مجھے لگتا ہے جیسے میں نے بھی بہت عرصہ سفر کے سراب دیکھے ہیں۔جیسے میں کوئی بہت سفر پسند روح رکھنے والا شخص تھا اور مجھے روکنے کے  لئے سرابِ سفر کا سہارا لیا گیا۔ایک عجیب سی بے چینی میری روح میں ڈال کر مجھے مطمئن کرنے کی کوشش کی گئی۔۔۔۔۔۔اور میں نہیں سمجھ سکا کہ وہ بے چینی اور ہوتی ہے جو راستے کی مشکلات سے جنم لیتی ہے۔وہ تھکاوٹ اور ہوتی ہے جو پورا دن چلنے پر جسم میں اترتی ہے۔تھکا تو میں بھی بہت مگر میری تھکاوٹ اس شخص کی تھی جو سارا دن ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر فلم دیکھ کر اٹھتا ہے۔میرے اندر بڑے بڑے خوابوں کو اتنی تیزی سے گھمایا گیا کہ میرا پورا وجود گھوم کر رہ گیا۔ آج عمر کے اس حصے میں میں اتنا تھک چکا ہوں جتنا کوئی بھی بے پناہ سفر کرنے والا شخص تھک سکتا ہے مگر یہ تھکاوٹ سفر کی نہیں سرابِ سفر کی ہے۔
	میرے اندر کا یہ سفر جو ایک بے مقصد کام کئے جانے سے شروع ہوا تھا۔پھر مجھے لگا جیسے میں کچھ کرنے کی بجائے اصل میں کچھ کرنے سے رک رہا ہوں۔اگلا پڑاؤ یہ بتا رہا تھا کہ کچھ کروں یا نہ کروں یہ سب گویا کسی پہلے سے predictableکھیل کا حصہ ہے اور اس سے آگے بڑھا تو لگا کہ میں تو گویا اس کھیل میں بھی شریک نہیں تھا بلکہ میں تو جیسے اس کھیل میں شرکت کے خواب دیکھ رہا تھا۔

پانچویں منزل۔۔۔۔۔خیالوں کا جنگل

	آج ایک عجیب بات ہوئی۔مجھے لگا جیسے ایسا پہلے بھی کئی بار ہوا ہو گا مگر عام طور پر میرے اردگرد خیالوں کا ایسا جنگل ہوتا ہے کہ کسی چھوٹی موٹی کونپل کو کھلتے دیکھ لینا ممکن نہیں ہوتا۔اور میں جیسے ہر شام ایک لمبی سیر پر نکلتا ہوں۔اپنے اس جنگل پر نظریں دوڑائے جاتا ہوں اور جیسے کبھی کوئی خوبصورت عنابی پھول دیکھ کر اسے توڑ لیتا ہوں اور اسے اپنے ساتھ گھر لے جاتا ہوں۔وہ پھول گویا میری دریافت، میری تخلیق تھا کہ وہ میرے خیالوں کے جنگل سے پھوٹا تھا۔میں اس کا خوبصورت bouquetبناتا ہوں اور پھر برسوں تک اسے دیکھ کر محظوظ ہوتا ہوں۔ہاں ایک بات کبھی کبھار مجھے حیران کر دیتی تھی کہ وہ خوبصورت uniqueپھول جو میرے بہت پرائیوٹ خیالوں کے جنگل میں کھلا تھا۔میں نے بڑی راز داری سے جس کو ایک خوبصورت bouquetمیں ڈھالا تھا وہ کیوں ان دوسرے گلدستوں جیسا دکھتا ہے جیسے بازار میں عام ملتے ہیں۔ اور آج مجھے اس کا جواب مل گیا۔
	آج میں ایک نسبتاً غیر آباد گوشے میں بیٹھا تھا۔۔۔۔۔ایک ایسا صحرا جس میں میری خیالات کی کوئی گھاس تلک نہ تھی۔۔۔۔۔۔لق دق صحرا اور پھر جیسے کسی نے بڑے چپکے سے ایک چھوٹی سی کونپل وہاں لگا دی۔ ایک آئیڈیا کی inception۔میں اس حرکت کو شاید کبھی نوٹ بھی نہ کر پاتا اگر اردگرد کچھ اور خیالات ہوتے مگر وہ specialوقت تھا اور میں نے اسے دیکھ لیا۔۔۔۔۔۔۔وہ بھی شاید اپنی اس غلطی کو محسوس کر گیا اور شرمندہ بھی ہو گیا مگر میں نے آج جان لیا کہ میرا گھنا خیالوں کا جنگل بھی بس ایک بیک گراؤنڈ ہی ہے۔۔۔۔۔وہ اصل خیال جسے میں چن لیتا ہوں وہ کوئی اور ہی وہاں رکھ دیتا ہے۔	
	تو یہ ہمیں اس اگلی layerپر پہنچا دیتا ہے۔۔۔۔۔۔اب مجھے سمجھ آتی ہے کہ پچھلی منزل پر جنہیں میں سرابِ سفر سمجھا تھا وہ بھی میری choiceنہیں تھی۔میں نے سفر پر جس سرابِ سفر کو ترجیح دی تھی وہ سرابِ سفر بھی میرا نہیں تھا۔میرے خواب، میری خواہشات بھی میری نہیں ہیں۔

چھٹی منزل۔۔۔۔۔منطقی بوڑھا

	وہ خیال میرا نہیں تھا مگر پھر میں نے دیکھا کہ کہیں سے ایک منطقی بوڑھا وہاں آ گیا۔اس نے مجھے پردوش دیکھا کہ گویا میں نے کوئی چور پکڑ لیا ہے تو ہلکی سی تھپکی دے کر بولا کہ ’’یہ اہم بات نہیں ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ہمیں اس خیال کا کرنا کیا ہے؟‘‘ اور وہ ٹھیک تھا۔اس سے کیا فرق پڑتا ہے کہ وہ خیال کسی نے وہاں plantکیا تھا یہ وہ خود کہیں سے آیا تھا (جیسے خود کہیں سے آنے کی کوئی حقیقت ہو)۔۔۔۔اہم بات یہ ہے کہ ہم اس سب کو منطق کی ترازو پر پرکھیں اور دیکھیں کہ اس کا کرنا کیا ہے۔پھر اس نے منطق کی روشنی پھینکی اور میرے پاس اس سے agreeکرنے کے سوا کوئی چارہ نہ رہا کہ مجھے اس آئیڈیا کو اپنانا ہی ہو گا۔اس سارے منطقی آپریشن کے دوران میں وہیں تھا میں اس منطقی بوڑھے سے ہر نکتے پر مکمل اتفاق کر رہا تھا اور جب ہم دونوں اس نتیجے پر پہنچے کہ ہمیں یہ آئیڈیا قبول ہے تو میں نے خوشدلی سے اسے قبول کر لوں مگر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
	اہم بات یہ نہیں ہے کہ ہم کس نتیجے پر پہنچے بلکہ اس سفر میں اہم بات یہ ہے کہ میں اس سب گفتگو کو ایک third personکی سی غیر جانبداری سے دیکھ رہا تھا۔ میرے خیالات، میری سوچ، میری منطق۔۔۔۔۔۔کچھ بھی تو میرا نہیں تھا

ساتویں منزل۔۔۔۔۔بلیک ہول

	اس پوری گفتگو کا حاصل اگر ہے تو بس اتنا کہ میں نے بالآخر خود کو محسوس کیا۔۔۔۔۔میں مسافر نہیں ہوں، میں سفر کی خواہش نہیں ہوں، میں سفر کا خواب خیال بھی نہیں ہوں، میں وہ منطق بھی نہیں ہوں جو اس سارے عمل کی نگہبان ہے گو ایک لیول پر دیکھوں تو یہ سب میری حقیقت نظر آتے تھے۔۔۔۔۔۔سب سے بڑی بات یہ ہے کہ میں ہوں۔میں نے اس منطقی بوڑھے کے تجزیئے کے دوران ایک واجبی سمجھ کے نوجوان کو سر ہلاتے دیکھا تھا۔ میں نے اس کی کسی خواہش کو محسوس نہیں کیا۔میں نے بس اسے دیکھا تھا۔ وہ وہاں کھڑا تھا اور سر ہلاتا تھا اور وہ اس سارے کھیل کو نہ جانتے ہوئے بھی ہر لیول پر اسے کھیلنے کو تیار تھا۔اس کے اندر اسے کھیلنے کی بہت excitementنہیں تھی پر وہ یہاں سے بھاگنا بھی نہیں چاہتا تھا۔۔۔۔۔وہ تو جیسے ایک سیاح تھا جو اس انجانے دیس میں چلا جاتا تھا۔ وہ یہاں کی ہر چیز کو گو سمجھتا تو نہیں ہے مگر سمجھنے کی ہر ممکن کوشش ضرور کرتا ہے۔ وہ ہر جذبے کی حدت محسوس نہیں کر سکتا مگر کوشش ضرور کرتا ہے کہ ہر منزل کو اس منزل کے حوالے سے جان سکے۔ ہاں مگر خود اس مسافر کے دل میں کیا ہے یہ میرے  لئے بھی ایک معمہ ہی ہے۔۔۔۔۔ایک بلیک ہول۔ میں ابھی تک اس میں چھلانگ نہیں لگا سکا۔میں اس کے بارے میں کچھ نہیں جانتا۔

آٹھویں منزل۔۔۔۔۔نوجوان شہنشاہ

	ایک نوجوان شہزادہ تھا جسے بہت کم عمری میں ہی عنانِ اقتدار سنبھالنا پڑا۔ اس کے مشیر اور درباری سب کائیاں اور پرانے کھلاڑی تھے۔ ظاہر ہے کہ امور سلطنت تو وہی چلا رہے تھے۔اگرچہ آخری حکم تو نوجوان شہنشاہ کا ہی چلتا تھا مگر اس کے ہر حکم کے پیچھے کوئی نہ کوئی درباری ہوتا۔ شہزادے کو بہلانے کے لئے کبھی نوجوان حسیناؤں کی مدد لی جاتی اور کبھی کوئی جادو کے تماشے دلوانے والے کو بلوا لیا جاتا۔کبھی کوئی درباری اپنی چرب زبانی سے کام نکلواتا تو کبھی کوئی اپنی سحر انگیز شخصیت کے زور سے اور کبھی بوڑھا وزیر اعظم اپنی منطقی دلیلوں سے اسے قائل کر لیتا۔گو ہر حکم شہنشاہ کے قلم یا زبان سے ہی نکلتا تھا کہ وہ اسی صورت معتبر ہو سکتا تھا مگر اس کے پیچھے ہمیشہ کوئی نہ کوئی اور ہوتا۔
	شہنشاہ اگر کبھی سوچتا بھی کہ محل سے باہر نکل کر عوام پر ایک نظر ڈالے گا تو اس کا سیکیورٹی ایڈوازر اسے سو دلیلیں دیتا کہ یہ سب ریاستی سلامتی کے کتنا خلاف ہو گا۔ اس کا لہجہ کبھی کبھار تو اتنا گستاخ بھی ہو جاتا کہ شہنشاہ کو اپنے شہنشاہ ہونے پر شک ہونے لگتا۔وزیر خزانہ جب اسے عوام پر ایک نیا ٹیکس لگانے کا کہتا تو وہ اگر تھوڑی سی دیر کو رک کر سوچنا چاہتا تو اس صاف لفظوں میں بتا دیا جاتا کہ اس ٹیکس کے بغیر فوج کی تنخواہیں تلک ادا نہیں کی جا سکیں گی اور بغاوت پھوٹ پڑے گی۔ 
	شہنشاہ کے  لئے وہ جیسے ایک خوبصورت پنجرہ تھا جہاں اس کی آزادی صرف ان چیزوں کے لئے رہ گئی تھی جن کا امور سلطنت سے دور کا بھی تعلق نہیں تھا۔ وہ عیاشی کرنے کے لئے آزاد تھا۔ اس کے دربار میں قسم قسم کے کھانے، ساز بجانے والے، کنیزیں سب تھیں اور وہ اپنی عیاشی کی حد تک خود کو مادر پدر آزاد تصور کرتا تھا مگر امور سلطنت اسے سمجھایا جاتا تھا اور سچ پوچھیں تو وہ خود بھی یہی سمجھتا تھا کہ وہ اس ذمہ داری کا اہل نہیں ہے۔
	سلطنت کے امور مگر ایک dynamicشئے ہیں انہیں پرانے dogmasاور established proceduresکے ذریعے نہیں چلایا جا سکتا۔ اور ایسا ہی ہوتا ہے جب امور سلطنت مشیروں کے ہاتھ میں دے دیے جائیں۔ تب ہر ایک مشیر اپنے چھوٹے سے دایرے کے لئے اصول وضع کرتا ہے اور یہ بھول جاتا ہے کہ یہ قوانین عوام پر کتنا بوجھ ڈال دیتے ہیں۔ مملکت میں بادشاہ کا عہدہ ceremonialنہیں ہوتا بلکہ وہ اس بات کو ensureکرتا ہے کہ سب دماغوں کے اوپر ایک انسانی دل کی حکومت بہرحال رہے گی۔اگر سب کچھ دماغ اور منطق پر چھوڑ دیا جائے تو بہت جلد ہم مشینوں میں ڈھل جائیں گے۔ تو ایک بادشاہ کا institutionبھی اسی  لئے بنایا گیا۔ یہی چیز تھی جو وہ شہنشاہ بھول رہا تھا۔
	ایک دن البتہ اسے ایک عجیب احساس ہوا۔وہ احساس ایک چھوٹی سی دلیل تھی۔اگر حکومت بادشاہ کے بغیر چلائی جا سکتی تو کبھی بھی بادشاہ کا عہدہ نہ ہوتا اور اگر میں اس عہدے کے قابل نہ ہوتا تو مجھے کبھی اس مقام پر نہ رکھا جاتا۔ہم یہ نہیں کہ سکتے کہ خدا سے غلطی ہو گئی اور ہم اب اپنے inactionسے اس غلطی کی اصلاح کرنے پر قدرت رکھتے ہیں۔ مجھے شہنشاہ بنایا گیا ہے اور میں ایک شہنشاہ کی طرح کام کروں گا۔ اگر میں غلطی کروں گا تو زمانے کی طاقتیں مجھے روندتی ہوئی نکل جائیں گی اور میں تاریخ کی کتابوں میں دھول بن کر رہ جاؤں گا اور اگر اس اللہ کا انتخاب صحیح ہوا (جو کہ ہمیشہ صحیح ہوتا ہے) تو پھر وقت کو ایک اور جلال الدین اکبر مل جائے گا۔
	اس کے بعد کی کہانی ہمیں سننے کی ضرورت نہیں۔ یہ جگہ ہمیں اپنے تخیل کی چھلانگوں کے لئے خالی رکھنی چاہیے مگر آپ جان سکتے ہیں کہ اس کے بعد کیا ہو ا گا۔مشیروں اور عقلِ کل وزیروں پر کیا گزری ہو گی۔
	کل اپنی چھوٹی سی تلاش کے اختتام پر میں نے اس شہنشاہ جیسا ایک نوجوان لڑکا دیکھا تھا جس نے خیال پیوند کرتے کسی سائے کو دیکھ تو لیا تھا مگر منطقی بوڑھے کی دلیلوں کے آگے خاموش رہ گیا۔ یہی اس کی غلطی تھی۔ اسے اپنے فیصلے عقل،منطق، جذبات، فوائد کے لئے نہیں لینے تھے جیسا کہ اس کے تمام مشیر چاہ رہے تھے بلکہ اسے ان سب چیزوں کو دیکھنا تھا اور اپنے ہاتھوں کو اٹھا کر اللہ سے دعا کرنی تھی کہ وہ اسے صحیح فیصلہ کرنے کی توفیق دے اور اللہ توفیق دلوں میں ڈالتا ہے۔ تو اسے فیصلے دل سے کرنے تھے اور اگر ایسا ہوتا توسب کچھ ٹھیک ہو جاتا۔ اسے 
mystery of  the mysteries............Willکی بات سننا تھی۔
	ہاں البتہ یہ کیسے کیا جائے؟ یہ ایک مختلف بحث ہے اور میں اسے کسی اگلے موقع کے لئے بچا رکھتا ہوں۔
٭٭٭

فائل کے لئے مصنف کا شکریہ
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
