﻿


رفاقتوں کے درمیاں



شعری مجموعہ



اطیبؔ اعجاز

مکان نمبر 9-10-241  رسالہ بازار، قلعہ گولکنڈہ
حیدرآباد۔500 008   اے. پی ۔انڈیا
Cell: 9849339588





حمد باری تعالیٰ
پیار بھرا دل پاک نظر دے یا اللہ
آدمی کو تو انساں کر دے یا اللہ
مفلس کی جھولی بھر جائے رحمت سے
ہر آنسو کو موتی کر دے یا اللہ
تیرے کرم سے جو چاہوں وہ پاؤں میں
میری دعا میں اتنا اثر دے یا اللہ
جس پر ہو انعام کی بارش روز و شب
بندے کو تو ایسی ڈگر دے یا اللہ
راحت کے سامان میسر ہوں ہم کو
درد کو پارہ پارہ کر دے یا اللہ
اطیبؔ کے سر پر رکھ ممتا کی چھایا
جو بے گھر ہیں اُن کو گھر دے یا اللہ



حمد باری تعالیٰ
تب سمجھ میں آئے گا قرآن کا فرمان بھی
ہو اگر کچھ معنیٰ و مفہوم کا عرفان بھی
زندگی پر ہے مسلط موت کا امکان بھی
ہے یہی میری حقیقت اور تری پہچان بھی
تو جِسے چاہے ہدایت دے جِسے چاہے نہ دے
دسترس میں تیری سب کچھ دین بھی ، ایمان بھی
تُو ہی اول تُو ہی آخر چار سو ہے تُو ہی تُو
تُو ہی طٰہٰ تو ہی یٰسیں اور تُو ہی فرقان بھی
میں کبھی بے بس نہیں ہو تا ، کہ میرے ساتھ ہے
فضل تیرا اور ترے محبوبؐ کا فیضان بھی
تُو نظارا تُو ہی ناظر ، تُو ہی عرفانِ نظر
میزباں ہے دل میں تو ہی اور تو مہمان بھی
زندگی دی ہے تو اس کو بندگی کا ذوق دے
میرے مالک کر دے اطیبؔ پر تُو یہ احسان بھی




حمد باری تعالیٰ
لبِ نا چیز پہ مدحت ہے تری
میں کہاں اور کہاں شوکت ہے تری
دیکھنا جاننا کیا ہے میرا
یہ بصارت یہ بصیرت ہے تری
میرے الفاظ کے پیرائے میں
سانس لیتی ہوئی صنعت ہے تری
میں بھی خالق ہوں مرے خالقِ کُل
میری ہستی بھی علامت ہے تری
کیوں نہ خدمت کروں ماں باپ کی میں
اُن کی خدمت بھی عبادت ہے تری
اپنے آقا سے محبت ہے مجھے
یہ محبت بھی محبت ہے تری
دھڑکنوں میں ہے اجالا تیرا
دلِ اطیبؔ میں سکونت ہے تری


نعتیہ نظم
زمیں کے نشاں تک محمدؐ محمدؐ
حدِ آسماں تک محمدؐ محمدؐ
میں اُن کا پتہ دوں کہاں سے کہاں تک
یہاں سے وہاں تک محمدؐ محمدؐ

کبھی چاند تاروں میں چرچے ہیں اُن کے
کبھی پھول کلیوں میں نغمے ہیں اُن کے
اُدھر ہیں بیاباں میں اُن کے فسانے
اِدھر گلستاں تک محمدؐ محمدؐ

کہاں وہ کہاں ہم یہ سوغات کیا ہے
کہیں نعت اُن کی مگر ساتھ کیا ہے
ہماری تمہاری تو اوقات کیا ہے
خدا کی زباں تک محمدؐ محمدؐ

ثمر اپنے جسموں کو کیوں ڈھانپتے ہیں
یہ پتے بکھر تے ہوئے کانپتے ہیں
انہیں کیا پتہ پیڑ کیوں ہانپتے ہیں
پڑھیں آندھیاں تک محمدؐ محمدؐ

بنی راہ بابِ مقفل میں دیکھو
ہے آباد گلزار مقتل میں دیکھو
ہیں مصروف وردِ مسلسل میں دیکھو
لبِ کافراں تک محمدؐ محمدؐ

ہے دل سے جگر تک جگر سے نظر تک
ہے اطیبؔ مرے گھر سے خالق کے گھر تک
اثر سے دُعا تک دُعا سے اثر تک
یقین و گماں تک محمدؐ محمدؐ
***




غزلیں
٭

بدلے میں پیار کے مجھے رسوائی دے گیا
صدمات کے ہجوم میں تنہائی دے گیا
اٹھتا ہے دل میں شور سا آٹھوں پہر مرے
زخموں کو کیسی قوتِ گویائی دے گیا
غم، درد، کرب، آہ، فغاں، اشک ، بے کلی
کیا کیا عنایتیں مجھے ہر جائی دے گیا
مجھ کو دیا تھا درسِ وفا جس نے پیار سے
آنکھوں کو انتظار کی انگنائی دے گیا
ارماں جگا کے اور نئے وعدے پہ ٹال کے
لمسِ لطیف دے گیا، انگڑائی دے گیا
آنکھوں سے میری نیند کی دنیا چرا کے وہ
اطیبؔ شکستِ خواب کی سچائی دے گیا

٭

گماں کے تن پہ یقیں کا لباس رہنے دو
کہ میرے ہاتھ میں خالی گلاس رہنے دو
زمانہ گزرا ہے خوشیوں کا ساتھ چھوڑے ہوئے
مرے مزاج کو اب غم شناس رہنے دو
عمل کی رُت میں پنپتی ہیں ٹہنیاں حق کی
مِلاؤ سچ سے نگاہیں، قیاس رہنے دو
وہ خواب کو بھی حقیقت سمجھ کے جیتے ہیں
اسی میں خوش ہیں تو یہ التباس رہنے دو
ملا کے ہاتھ شیاطیں سے دیکھتے ہو مجھے
انانیت کو تم اپنے ہی پاس رہنے دو
مجھے نہ کھینچو خوشی کے حصار میں اطیبؔ
اداس رہنا ہے مجھ کو اداس رہنے دو



٭

کیسے کر پاؤ گے برباد بیابانوں کو
اِن سے ملتا ہے سکوں قیس سے دیوانوں کو
جتنا تڑپاتے ہو ترساتے ہو دیوانوں کو
زندگی اور ملی جاتی ہے مستانوں کو
نقلی پھولوں سے سجا رکھا ہے گلدانوں کو
پھر سے آباد کرے کوئی گلستانوں کو
ہم نے دیکھا ہے زمانے میں اِنھیں آنکھوں سے
رند برباد کیا کر تے ہیں میخانوں کو
اِن سے وابستہ روایت ہے جنوں کی اطیبؔ
رکھو آباد تصور کے صنم خانوں کو


٭

جانِ جاں آج یہ غضب ہو گا
خواب آنکھوں میں جاں بہ لب ہو گا
سینہ سینہ ادب ادب ہوگا
میرے مولا یہ کام کب ہو گا
بے زبانی ہی اب زباں ہو گی
مجھ سے شکوہ گلہ نہ اب ہو گا
غیر کے ذکر پر مچے گی دھوم
اور مرا نام زیرِ لب ہو گا
یوں سرِ راہ روٹھنا ان کا
میری رسوائی کا سبب ہو گا
سر نگوں ہو گی آرزو اطیبؔ
یہ کرشمہ بھی دیکھ اب ہوگا



٭

کبھی مئے خانے بگڑتے نہیں دیوانوں سے
اس سے کہ دو کہ نہ کھیلا کریں پیمانوں سے
زور دے اپنی بصارت پہ کہ تحریر کھُلے
اس کا چہرہ ہے مزّین کئی عنوانوں سے
حق کی آواز سماعت سے مری ٹکرانے
لوٹ آئے گی روایات کے زندانوں سے
مدتوں بعد تری یاد میں آنکھیں بھیگیں
آج ساحل نے ملاقات کی طوفانوں سے
کوئی ہتھیار نہیں باعثِ آزار اطیبؔ
ایک انسان کو خطرہ ہے تو انسانوں سے




٭

سجائے رکھا ہے ایسا سراب آنکھوں میں
بکھیر تا ہے جو وہ خواب خواب آنکھوں میں
اُلجھ رہا ہے جو منظر بصارتوں سے مری
مزاجِ وقت کے رُخ کا نقاب آنکھوں میں
خزاں کے دور میں کانٹوں کی حکمرانی ہے
کھٹک رہا ہے جو کھلتا گلاب آنکھوں میں
محبتوں کا مری کیا ثبوت دوں تم کو
تمہارے واسطے لا یا ہوں آب آنکھوں میں
مقام اس سے حسیں اور کیا ہو میرے لئے
پناہ دیجئے مجھ کو جناب آنکھوں میں
نظر کا پھیرنا حق سے، گناہ ہے اطیبؔ
اُتار تا ہے وہ اپنا عتاب آنکھوں میں




٭

ہم نے غیر کے در کو آسرا نہیں سمجھا
در کو آپ کے ہم نے غیر کا نہیں سمجھا
سب سمجھ چکا ہوں میں یہ ادا نہیں سمجھا
اُس نے آج تک میرا مدعا نہیں سمجھا
آج کی سیاست کو کون کیا سمجھتا ہے؟
ہم نے آج تک اس کا زائچہ نہیں سمجھا
دل میں تم ہی رہتے ہو اس لئے کبھی میں نے
تم سے دور ہونے کو فاصلہ نہیں سمجھا
ساتھ ساتھ رہتا ہے ہر قدم پہ کیوں اطیبؔ
ہم نے آج تک رشتہ درد کا نہیں سمجھا



٭

میرے حق میں بُرا نہیں کر تے
جو مسیحا دوا نہیں کر تے
ظلم سہتے ہیں روز سہتے ہیں
پھر بھی ہونٹوں کو وا نہیں کر تے
اپنے تنکوں کے ہیں محافظ ہم
ان کو نذرِ ہوا نہیں کر تے
جھوٹ کہتے ہیں جو یہ کہتے ہیں
لغزشیں پار سا نہیں کر تے
اپنی کرتے ہیں ہم، کسی کو بھی
اپنا اب رہنما نہیں کر تے
کوئی موسم ہو ہم تو ائے اطیبؔ
یاد ان کے سوا نہیں کر تے



٭


نور میں ڈوبا ہوا ہے قلب کا میخانہ آج
دیکھ ٹکراتا ہے پیمانے سے یوں پیمانہ آج
ورنہ یہ ٹھنڈی ہوائیں بد دعا دیں گی ہمیں 
کل چلی جانا مری جانِ جہاں رک جانا آج
اور تھوڑی دیر تک بس یونہی شرماتے رہیں
مجھ کو پیارا لگ رہا ہے آپ کا شرمانا آج
اہلِ محفل کے لئے ہو گا تماشے کا سماں
شمع پر قربان ہو جائے گا پھر پروانہ آج
لفظ پھیکے پڑ گئے ہیں حسن کی سرکار میں
تو بتا جانِ غزل کیا دوں تجھے نذرانہ آج
جام اٹھائیں یا کہ اطیبؔ اس کی آنکھوں سے پئیں
ہائے خطرے میں پڑی ہے جرأتِ رندانہ آج

٭
پھول مہکے، چاندنی تھی ، کیا نہ تھا
تم نہ تھے تو ہر کوئی بیگانہ تھا
اپنی محرومی کا اندازہ نہ تھا
تم بچھڑ جاؤ گے یہ سوچا نہ تھا
دل کے آنگن میں دئیے جلتے نہ تھے
پاؤں جب تک آپ نے رکھا نہ تھا
لذتیں ، خوشبوئیں ،ساری مستیاں
سانولی رنگت میں اس کی کیا نہ تھا
اور کس کو پیار کر تا میں بھلا
کوئی بھی تو آپ کے جیسا نہ تھا
میں تمہیں چاہوں گا اتنا ٹوٹ کر
تم نے بھی شاید کبھی سو چا نہ تھا
سب کے سب کھوئے ہوئے تھے بھیڑ میں
کوئی بھی میری وہاں سنتا نہ تھا
نیند آتی ہی نہ تھی بیمار کو
جب تک ان کو یاد کر لیتا نہ تھا
ورنہ کر دیتا اسے تم پر نثار
چاند آنگن میں مرے اُترا نہ تھا
مہر بانی اُن کی اطیبؔ دیکھئے
مجھ کو سب کچھ مل گیا مانگا نہ تھا


٭

غمناک زندگی میں ذرا بھی خوشی نہ ہو 
انسان ٹوٹ جائے اگر بے خودی نہ ہو
نظروں میں ذوقِ دید نہ ہو جانِ جاں اگر 
تیرا یہ حسن میری یہ دیوانگی نہ ہو
دن رات کا سہارا ہیں تیری محبتیں
جس دن تو مجھ کو چھوڑ دے وہ دن کبھی نہ ہو
تجھ کو بتانے والا ہوں اک ایسی بات میں
جو آج تک کسی نے کسی سے کہی نہ ہو
وہ کیا سمجھ سکے گا محبت کا فلسفہ
اطیبؔ کسی کے دل میں اگر درد ہی نہ ہو



٭
آپ نزدیک آنے لگے
جسم و جاں سنسنانے لگے
آپ کیا مسکرائے صنم
دو جہاں مسکرانے لگے
آسماں کی طرح آپ تو 
دل کی دھرتی پہ چھانے لگے
آپ کے عکس میں ڈوب کر
آئینے جگمگا نے لگے
تجھ کو سوچا تو فکر و نظر
روشنی میں نہانے لگے
دیکھ کر مجھ سے قربت تری
فاصلے دور جانے لگے
رُخ سے پردہ اٹھاؤ جو تم
چاندنی منھ چھُپانے لگے
آپ کے خواب اے جانِ جاں
آنکھ میں گھر بنا نے لگے
پا کے اطیبؔ اکیلا مجھے
غم مرے ساتھ آنے لگے



٭

دل پہ یادوں کا بوجھ طاری ہے
آج کی رات کتنی بھاری ہے
قید کی طرح کاٹتے ہیں سب
کس نے یہ زندگی گزاری ہے
سر چھُپا کر ترے دوپٹے میں
خوشبوؤں نے تھکن اتاری ہے
ایسی بھینی مہک ہے باتوں میں 
جیسے تازہ گلوں کی کیاری ہے
دل لگی لمحہ بھر کی ہے لیکن
زندگی بھر کی بے قراری ہے
زلف و رخسار کی ضیا لے کر
ہم نے اپنی غزل سنواری ہے
چاہ پر کس کا زور ہے اطیبؔ
چاہ تو غیر اختیاری ہے


٭

دھڑکنوں میں یادوں کا جب چراغ جلتا ہے 
پھر ہمارے سینے کا داغ داغ جلتا ہے
ضبط کی نگاہوں نے شہرِ ظرف میں دیکھا
آہ جب پگھلتی ہے غم کا باغ جلتا ہے
نا رسائیوں نے بھی کیسے کھیل کھیلے ہیں
نقشِ پائے جاناں کا ہر سُراغ جلتا ہے
تابشِ غمِ دل سے نور ہے شبستاں میں
صبح کے نکلنے تک یہ چراغ جلتا ہے
جب تمہارے ملنے کی آس ٹوٹ جاتی ہے
پہلے دل سلگتا ہے پھر دماغ جلتا ہے
ہو تی ہے جلن اُس کو مجھ سے اس طرح اطیبؔ 
خوش نما پرندوں سے جیسے زاغ جلتا ہے



٭

عشق کو جذبہ و احساس کی دولت سمجھو
دل کی دھڑکن ہے اِسے دل کی جلن مت سمجھو
کوئی جلوہ ہو ہر اک جلوے میں ہے حق کا ظہور
حسن کی قدر کرو عشق کی قیمت سمجھو
جو ہے معصوم وہ ماں ، بیوی، بہن، بیٹی ہے 
انگلیوں پر جو نچائے اسے عورت سمجھو
نیند اُڑ جائے گی دولت کی فراوانی سے
جو میسر ہے میاں اُس کو غنیمت سمجھو
حُسنِ جاناں کو نگاہوں سے اُتارو دل میں
اُس کے رُخ پر جو لکھی ہے وہ عبارت سمجھو
اُن کو پانے انھیں چھُونے کی تمنا نہ رکھو
اُن کا دیدار بھی ہو جائے تو قسمت سمجھو
میں نے دروازے کھلے رکھے ہیں دل کے اطیبؔ
شوق سے آؤ اگر میری ضرورت سمجھو


٭

کیفیت دلوں کی کب لڑکیاں بتاتی ہیں
ہاں مگر نگاہوں کی مستیاں بتاتی ہیں
پیار کا مزا لے کر پھول شرم سے چپ ہیں
پیار کا مزا کیا ہے تتلیاں بتاتی ہیں
لمس کا نشہ کیا ہے کیا بلا ہے تنہائی
کپکپاتے جسموں کو سردیاں بتاتی ہیں
خوشبوؤں کے جھونکوں سے جسم و جاں معطر ہیں
کس کی یاد گزری ہے کھڑکیاں بتاتی ہیں
جب کسی کے ہاتھوں میں مرمریں کلائی ہو
دل پہ کیا گزرتی ہے چوڑیاں بتاتی ہیں
ہیں بہار کے لب پر اُس کے لب کی تعریفیں
گیسوؤں کے بارے میں بدلیاں بتاتی ہیں
تشنگی جو من میں ہے بے کلی جو تن میں ہے
نرم و گرم ہونٹوں کی سُرخیاں بتاتی ہیں
پتا پتا بکھری ہے کائنات سانسوں کی
زندگی ہے کیا اطیبؔ آندھیاں بتاتی ہیں




٭

اپنے چہرے پہ زلفیں گرا دیجئے
دھوپ کو سائباں میں چھپا دیجئے
غم گساری کو دامن بڑھا دیجئے
آنسوؤں کو نگینے بنا دیجئے
کیا ہے میری خطا یہ بتا دیجئے
پھر مجھے جو بھی چاہے سزا دیجئے
اپنے جلوؤں کی جنت دکھا دیجئے
عشقِ لا چار کو حوصلہ دیجئے
یاد کی سیڑھیوں سے اتر کر کبھی
میرا شانہ پکڑ کر ہِلا دیجئے
نرم ہاتھوں سے چھو کر مرے ہاتھ کو 
میری نس نس میں کلیاں کھِلا دیجئے
چاندنی بن کے دل میں اُتر آئیے
میرے آنگن کی رونق بڑھا دیجئے
یاد کی کھڑکیاں کھل رہی ہیں صنم
اپنی خوشبو ہوا میں ملا دیجئے
حجرۂ دل زمانے سے ویران ہے
اپنی تصویر اِس میں سجا دیجئے
روٹھ جائیں کبھی مان جائیں کبھی
کچھ مٹا دیجئے کچھ بنا دیجئے
مجھ کو دنیا کی دولت سے مطلب نہیں
اپنے دل میں ذرا سی جگہ دیجئے
وقت کی دھوپ میں جل رہا ہے بدن 
اپنے آنچل کی ٹھنڈی ہوا دیجئے
مدتوں سے مچلتا ہے سینے میں دل 
آج اطیبؔ کی حسرت مٹا دیجئے


٭

پھول ہوا شبنم سب کچھ تیرا ہے
ہر رُت ہر موسم سب کچھ تیرا ہے
ہر آشا ہر آس میرا ہر احساس
خوشیاں ہوں یا غم سب کچھ تیرا ہے
آنکھوں کا درپن نیندوں کا گلشن
سپنوں کا عالم سب کچھ تیرا ہے
تیرے دم سے ہے میرے دم میں دم
سب تجھ سے قائم سب کچھ تیرا ہے
یہ ہنستے گاتے نغمے سب تیرے
یہ آنکھیں نم نم سب کچھ تیرا ہے
میرا کیا میں تو تیری چھایا ہوں
جانم او جانم سب کچھ تیرا ہے
رب کا ہے یہ فضل، تُو ہے اطیبؔ کا 
او میرے بالم سب کچھ تیرا ہے


٭

ملے ہیں جسم ،دلوں میں خلا ابھی تک ہے
ہمارے بیچ وہی فاصلہ ابھی تک ہے
بچھڑ کے تجھ سے کسی اور کو نہیں چاہا
تری تلاش میں میری وفا ابھی تک ہے
کبھی نہ سرد ہوئے جستجو کے انگارے
وہی جنوں ہے وہی ولولہ ابھی تک ہے
تعلقات تر و تازہ ہی رہے اپنے
مرا منانا ترا روٹھنا ابھی تک ہے
خزاں کی نذر ہوا زندگی کا باغ مگر
تصورات کی بھینی فضا ابھی تک ہے
دیار ہجر کی تنہا اداس راتوں میں
رواں دواں تری آواز پا ابھی تک ہے
سر اُس کے قدموں میں اطیبؔ  جھُکا دیا میں نے
مگر وہ بت ہے کہ مجھ سے خفا ابھی تک ہے


٭

کشمکش تھی رنج و غم کی انتہا تھی میں نہ تھا
زندگی کی گردشِ صبر آزما تھی میں نہ تھا
ہُو کا عالم تھا حصارِ روح میں ہلچل نہ تھی
جسم کے گنبد میں سانسوں کی صدا تھی میں نہ تھا
میں نے دیکھا ہے کھُلی آنکھوں سے ہستی کا زوال
وا مِری چشمِ حقیقت آشنا تھی میں نہ تھا
میرے اندر حق و باطل بر سرِ پیکار تھے
دل کی دنیا کارزارِ کر بلا تھی میں نہ تھا
جا چکا تھا سب کو میں اپنا تصور بخش کر
پھول تھے گلزار تھے بادِ صبا تھی میں نہ تھا
عمر بھر اطیبؔ غموں کی آگ میں جلتا رہا
ایسا لگتا ہے کسی کی بد دعا تھی میں نہ تھا


٭

اسی کا نام شاید ربطِ باہم کا تماشہ ہے 
میں عالم کو کھٹکتا ہوں مجھے عالم کھٹکتا ہے
کسی کو دیکھ کر سینے میں جو طوفان اٹھتا ہے
ہم اہلِ دل نے اس طوفاں کا چاہت نام رکھا ہے
ذرا سی آہ ہو تی ہے تو عرشِ پاک ہلتا ہے
’’اسیرِ غم خدا جانے تری آواز میں کیا ہے‘‘
سوا تیرے مرا پانا ہی کیا ہے اور کھونا کیا؟
تجھے پا یا تو پا یا ہے تجھے کھویا تو کھویا ہے
میں تدبیریں بہت کر تا ہوں ہنسنے مسکرانے کی
مگر دل ہے کہ دریائے الم میں غرق رہتا ہے
میں تیری یاد میں کھو یا ہوا ہوں اس عقیدت سے
کہ اب ہر ایک چہرے پر تری صورت کا دھوکا ہے
نکھر جا تا ہے باطن اُس کی لہروں میں وضو کر کے
مری آنکھو ں سے اطیبؔ جو یہ گنگا جل نکلتا ہے

٭

ہم کو یہ نظر آیا دوستوں کی صورت میں
راہ زن بھی ملتے ہیں رہبروں کی صورت میں
لغزشیں ابھر تی ہیں گردشوں کی صورت میں
شامتیں بھی آتی ہیں آفتوں کی صورت میں
کفر کے مقابل میں ڈٹ گئے جو حق پرور
اجر بھی ملا ان کو نعمتوں کی صورت میں
کفر کے اندھیرے کب یونہی مٹنے والے تھے
روشنی اترتی تھی آیتوں کی صورت میں
اُونگھتے ہوئے چہرے رینگتی ہوئی روحیں
اُگ رہے ہیں ویرانے بستیوں کی صورت میں
مسئلوں کی یورش سے بدحواس مت ہونا
مسئلوں کا حل بھی ہے محنتوں کی صورت میں
ایک پل میں پا لینا اور پھر گنوا دینا
زندگی بھی ملتی ہے بلبلوں کی صورت میں
ساتھ ساتھ رہتے ہیں ہر قدم پہ وہ اطیبؔ 
یاد اُن کی چلتی ہے منظروں کی صورت میں


٭

دل کی دہلیز پہ دلبر آیا
پیاس کے در پہ سمندر آیا
چلتے چلتے تری خوشبو آئی
میں یہ سمجھا کہ ترا گھر آیا
دھوپ میں چھاؤں نمودار ہوئی
کون آخر سرِ محشر آیا
اصل میں تھی وہ ہوائی آہٹ
میں بڑی تیزی سے باہر آیا
تھیں خطائیں تو سراسر دل کی
زد میں آیا تو مرا سَر آیا
چھوٹ کر تجھ سے کہیں جا نہ ملی
لوٹ کر پھر ترے در پر آیا
اُس کو لوٹا دئیے سب اُس کے خطوط 
ہائے نادان یہ کیا کر آیا
یار آیا کہ نہ آیا اطیبؔ
نامۂ یار برابر آیا


٭

مرے بھائی مری خاطر تو دل چھوٹا نہ کر اپنا
میں تیرے نام لکھ دیتا ہوں یہ آبائی گھر اپنا
نہ جانے کب قدم رنجہ ہو اُن کا جلوۂ رنگیں
کھلا رکھا کرو شام و سحر بابِ نظر اپنا
بچا رکھیں تو کیوں رکھیں کہاں رکھیں کسے رکھیں
نہ دل اپنا نہ جاں اپنی نہ تن اپنا نہ سر اپنا
جب اپنے ساتھ اپنے تھے تو اپنا پن بھی گھر میں تھا
ہمیں کو کاٹتا ہے آج تنہائی میں گھر اپنا
رویہ عاجزی والا پیمبر کی وراثت ہے
بلندی چاہتے ہو تو جھکائے رکھو سر اپنا
ترے لہجے میں اب کچھ کچھ تکبر ہے تفاخر ہے
مجھے لگتا ہے کھوتا جا رہا ہے تو اثر اپنا
خدا جانے کہاں تک سلسلہ چلتا رہے اطیبؔ
گریزاں دل اُدھر ان کا پریشاں دل اِدھر اپنا


٭

تازہ ہوا نہ آئی دریچہ کھلا رہا 
رستہ میں تیرا کل کی طرح دیکھتا رہا
تم نے جو مسکرا کے دیا حکمِ انتظار
آنکھوں میں رات کٹ گئی میں سوچتا رہا
سر مصلحت کے نام پہ جھکنے نہیں دیا
جھکنے کی بات آئی تو میں ٹوٹتا رہا
دیکھا نہ میں نے تیرے سوائے کسی کو بھی
آنکھوں میں تیرا نور سمایا ہوا رہا
مجھ کو نجات مل نہ سکی غم کی قید سے
اپنی رہائی کے لئے میں چیختا رہا
تم آئے اور نہ کوئی تمہاری خبر ملی
تا عمر انتظار کا اک سلسلہ رہا
اطیب ؔ نجانے کون تھا وہ اجنبی سا شخص
دھڑکن میں رقص کر تا مجھی میں چھُپا رہا

٭

وقت نے لوٹے ہیں ہستی کے خزانے کتنے
خاک کا ڈھیر ہوئے قصر نجانے کتنے
خواب، احساس، نظر، یاد ،تصور، دھڑکن
میں نے تیرے لئے رکھے ہیں ٹھکانے کتنے
آج منزل پہ پہنچ کر مجھے احساس ہوا
راہ میں چھوٹ گئے دوست پرانے کتنے
دل وہ پنچھی ہے کبھی دام میں آتا ہی نہیں
چوک جاتے ہیں نگاہوں کے نشانے کتنے
جب بھی تعبیر کی آنکھوں سے ملائیں آنکھیں
روح کو چھید گئے خواب سہانے کتنے
دامنِ صبر نہ چھوڑیں گے کبھی اہلِ وفا
تم بناؤ گے مری جان بہانے کتنے
کیا بتاؤں میں رہِ شعر و سخن میں اطیبؔ
نقش چھوڑے ہیں مری فکرِ رسا نے کتنے


٭

یہ زمین اپنی ہے اور نہ آسماں اپنا
ہے الگ تھلگ سب سے پیار کا جہاں اپنا
غم شناسی لازم ہے پیار کے مسافر کو
سب پہ کھل نہیں سکتا جذبۂ نہاں اپنا
دسترس میں اُس کی سب ،چاہے کوئی عالم ہو
ہے اُسی کی قدرت میں سود اور زیاں اپنا
چاہے کوئی موسم ہو فکر ہی نہیں اُس کو
خود تلاش لیتا ہے راستہ،دھواں اپنا
نسل کل جو آئے گی مجھ کو یاد رکھے گی
ثبت کر تا جاؤں گا پے بہ پے نشاں اپنا
اور بھی مواقع ہیں نکتہ چینی کرنے کو
آپ پہلے لے لیجے جائزہ میاں اپنا
عشق کے امیں اطیبؔ اپنی شان کھو بیٹھے
ہے زوال آمادہ نقشِ جاوداں اپنا


٭

یوں نہ غم خانۂ ظلمت میں اُچھالو مجھ کو
میں تو اک نو ر ہوں آنکھوں میں بسالو مجھ کو
وقت کی دھوپ میں ہستی نہ جھلس جائے مری
اپنے دامن کی پناہوں میں چھُپا لو مجھ کو
اِس سے پہلے کہ میں مٹی کی غذا بن جاؤں
غمِ دوراں کے شکنجے سے چھُڑا لو مجھ کو
مئے الفت کا نشہ طاری ہے جسم و جاں پر
گر نہ جاؤں میں کہیں آؤ سنبھالو مجھ کو
بے وطن ہی سہی پر ہوں تو خدا کا بندہ
دل کی بستی سے خدارا نہ نکالو مجھ کو
میں تو پانی ہوں کو ئی رنگ نہیں ہے میرا
تم بڑے شوق سے ہر رنگ میں ڈھالو مجھ کو
بندشیں توڑ کے اطیبؔ میں چلا آؤں گا
تم محبت سے صدا دے کے بلا لو مجھ کو


٭

اُن کی یادیں بارشیں پُروائیاں
تن بدن میں بج اٹھیں شہنائیاں
میری بربادی نہ بھولے گی کبھی
دوستوں کی یہ کرم فر مائیاں
چاند تاروں کو حیا آنے لگی
ہائے جسمِ یار کی رعنائیاں
جسم و جاں کی سرحدوں میں رات دن
رینگتی ہیں درد کی پرچھائیاں
کاش آ جائیں کبھی اک موڑ پر
آپ کی محفل مری تنہائیاں
شاخِ گل جیسے لچک جائے کوئی
جان جاناں آپ کی انگڑائیاں
اُس محبت میں نہیں اطیبؔ مزا
جس محبت میں نہ ہوں رسوائیاں


٭

جب سے بھایا ہے آپ کا چہرہ
ہم نے دیکھا نہ دوسرا چہرہ
آنکھ چندھیا گئی ہے دیکھتے ہی
اتنا روشن ہے آپ کا چہرہ
فصلِ گل کا ظہور ہو جیسے
خوبصورت کھِلا  کھِلا چہرہ
کو ئی جنبش نہ کیجئے چپ رہیے
پڑھ رہا ہوں میں آپ کا چہرہ
تجھ میں جب چاہوں خود کو دیکھوں میں
آئینہ جسم آئینہ چہرہ
تیری تصویر سامنے رکھ کر 
دیکھوں اپنے نصیب کا چہرہ
جیسے اطیبؔ کھلی کتاب کوئی 
بولتی آنکھ سوچتا چہرہ


٭

بوئے گل بن جاؤں گا بادِ صبا ہو جاؤں گا
یعنی تیری جستجو میں کیا سے کیا ہو جاؤں گا
اپنی ہستی کو مٹا کر نقشِ پا ہو جاؤں گا
تم قدم رکھو گے تومیں راستہ ہو جاؤں گا
زندگی کی اہمیت کیا ہے وفا کے سامنے
جانِ جاں میں آپ کی خاطر فنا ہو جاؤں گا
مانگنے بیٹھوں گا جب تم کو خدا سے دیکھنا
سر سے لے کر پاؤں تک دستِ دعا ہو جاؤں گا
واسطہ کوئی نہ کوئی تو رہے گا اپنے بیچ
تو اگر پتھر ہے تو میں آئینہ ہو جاؤں گا
اس کی دوری نے مجھے اطیب ؔ سخن ور کر دیا
دیکھنا میں اس کا ہو کر کیا سے کیا ہو جاؤں گا

٭

میری کوتاہیاں بھُلا دے گا
اِس طرح وہ مجھے سزا دے گا
آپ کا خواب اور کیا دے گا
میری آنکھیں بھی یہ جَلا دے گا
شوق منزل کا یہ سزا دے گا
چلتے رہنے کا سلسلہ دے گا
کیا سمجھتا ہے راہ کا پتھر
راستے سے مجھے ہٹا دے گا
بھیڑ میں غم ستائے گا تیرا
اور تنہائی میں مزا دے گا
مدتوں بعد جب ملے گا وہ
آنسوؤں کے گُہر لٹا دے گا
اُس گل اندام کا خفا ہو نا 
آتشِ شوق کو ہوا دے گا
جو شجر بے لباس ہے خود ہی 
وہ کسی کو پناہ کیا دے گا
ظلم کا ہو گا جب اُسے احساس
آپ اپنے کو وہ سزا دے گا
غم کو دل میں اُتار لو اطیبؔ
غم ہی جینے کا حوصلہ دے گا


٭

کرم خواہی کے بل بوتے پہ دیوانے نہیں آئے
کسی سے اپنی چاہت کا صلہ پانے نہیں آئے
ہو موسیقی غزل میں، سُر لگانا کیا حماقت ہے
میاں ہم شعر پڑھنے آئے ہیں گانے نہیں آئے
درختوں کو برہنہ کر دیا تھا یوں تو پت جھڑ نے
بہاروں کے قدم بھی ان کو مہکانے نہیں آئے
یہی اپنا صلہ ہے داد ملتی ہے جو شعروں پر
ہم اپنے قدر دانوں کا نمک کھانے نہیں آئے
شبِ تنہائی بے حد خامشی کے ساتھ گزری ہے
تری یادوں کے جھونکے دل کو تڑپانے نہیں آئے
سرورِ بندگی چھایا ہوا تھا اس طرح اطیبؔ
جہادِ زندگی میں یاد میخانے نہیں آئے


٭

جس نظر پر تری نظر نہ ہوئی
حاصلِ چشم معتبر نہ ہوئی
چاہ کر بھی نہ مل سکے ان سے
اُن سے الفت ہوئی مگر نہ ہوئی
سانس بھر آپ کی مہک نہ ملی
آپ کی دید آنکھ بھر نہ ہوئی
لوگ تیرے بغیر جیتے ہیں
ہم سے اک رات بھی بسر نہ ہوئی
پھول محفوظ ہیں کتابوں میں
ایک پتی بھی منتشر نہ ہوئی
یاد کے چاند جگمگاتے رہے
شبِ تنہائی کی سحر نہ ہوئی
مر گئے ہم تری محبت میں
اور تجھ کو ذرا خبر نہ ہوئی
عرشِ اعظم لرز گیا دیکھو
آہ اطیبؔ کی بے اثر نہ ہوئی


٭

پیراہنِ حیات بدن سے اُتار کے
لو ہم بھی جا رہے ہیں زمانے سے ہار کے
دیوانہ شاد کام ہے نشے میں پیار کے
اک آرزو پہ ساری تمنائیں وار کے
اک انجماد طاری ہے سارے وجود پر
لمحے ٹھہر گئے ہیں ترے انتظار کے
موتی لٹائے چاہنے والوں نے آپ پر
خوش ہو رہا ہوں میں بھی دل و جان وار کے
تُو آگیا تو آ گئے بانہوں میں دو جہاں
قسمت سنوار لی تری زلفیں سنوار کے
اطیبؔ ٹھٹھک گئے ہیں ترے پاؤں کس لئے
پھر کس نے تجھ کو روک لیا ہے پکار کے

٭

تم سے بچھڑے تو ہم اداس رہے
پا کے خوشیاں بھی زیرِ یاس رہے
آپ اس طرح آس پاس رہے
جس طرح جسم پر لباس رہے
تم حقیقت میں دور دور سہی
پر تصور میں پاس پاس رہے
ایسے رہتے ہیں وہ مرے دل میں
جیسے ہونٹوں پہ کوئی پیاس رہے
یوں تمناؤں سے ہو دل خالی
جس طرح پیڑ بے لباس رہے
حُسن قاتل بھی ہے مسیحا بھی
کس لئے عشق بد حواس رہے
دھوپ لگتی نہیں تھی دھوپ ہمیں
آپ لگتا ہے آس پاس رہے
جبکہ ممکن نہیں وصال اطیبؔ
آس قائم رہے نہ پیاس رہے


٭

ساحل اپنا نہ سمندر نہ سفینہ اپنا
کوئی جینا نہیں ائے دوست یہ جینا اپنا
اپنی تہذیب و ثقافت کو بھلا بیٹھے ہیں
قابلِ قدر نہیں کوئی قرینہ اپنا
کھوکھلی خوشیوں کا زیور ہمیں جچتا ہی نہیں
غم ہے، انگشتری دل میں نگینہ اپنا
شب کی بستی کے ہیں اُس پار کھنڈر یادوں کے
روز ہم لینے نکلتے ہیں دفینہ اپنا
سب کا دل لے کے چبا جا تی ہے لیلائے اجل
دل کسی کو نہیں دیتی یہ حسینہ اپنا
زیست کے تپتے بیاباں میں کہیں چین نہیں 
بس تری جھیل سی آنکھیں ہیں سکینہ اپنا
چھُو نہیں سکتی ہمیں گردِ تعیش اطیبؔ
دولتِ درد سے معمور ہے سینہ اپنا



٭

اُس کی نگاہیں اُس کی ادائیں جانِ غزل
کیوں نہ اُسے پھر ہم بھی بنائیں جانِ غزل
پتا پتا ڈالی ڈالی گیت سبھی
شوخ بہاریں نرم ہوائیں جانِ غزل
نغموں کی دھرتی پر تیری صورت سے
ملتے جلتے پھول کھلائیں جانِ غزل
رنگ روپ کی نگری میں تُو یکتا ہے
تجھ سا کوئی کہاں سے لائیں جانِ غزل
دل ہی دل میں اتنے ہی خوش ہو تے ہیں
جتنے تیرے ناز اُٹھائیں جانِ غزل
تُو اپنے کومل پیروں کے پھول کھلا
ہم آنکھوں کو فرش بنائیں جانِ غزل
درد کی خوشبو دیتے ہیں نغمے اطیبؔ
جب دل پر صدمے بن جائیں جانِ غزل


٭
رقیب ہے نہ برادر ہے کیا کیا جائے
وہ جس کے ہاتھ میں خنجر ہے کیا کیا جائے
نہیں ہے کوئی بھی پورس ہماری بستی میں
ہر ایک شخص سکندر ہے کیا کیا جائے
میں اُس کی سنگ دلی کا گواہ ہوں لیکن
وہ سنگ دل مرا دلبر ہے کیا کیا جائے
جمی ہیں پپڑیاں ہونٹوں پہ پیاس کے مارے
اور آس پاس سمندر ہے کیا کیا جائے
ذرا سی چوٹ بھی برداشت کر نہیں سکتے
میاں کا نام دلاور ہے کیا کیا جائے
عدو کو اپنے میں تکلیف دینا چاہتا ہوں
مگر وہ درد کا خوگر ہے کیا کیا جائے
بجا سہی تری سونا اُگانے کی خواہش
مگر زمین ہی بنجر ہے کیا کیا جائے
ہمارے پاؤں بہت پھیلنے لگے اطیبؔ
حیات چھوٹی سی چادر ہے کیا کیا جائے


٭

صحراؤں کو گلزار بنائے گا کہاں تک
ائے رہروِ امید تُو جائے گا کہاں تک
تُو جتنا بھُلائے گا میں یاد آؤں گا اُتنا
چاہت کے مری نقش مٹائے گا کہاں تک
یہ پیار کی بازی نہیں میں ہار نے والا
دیکھوں گا وہ بے درد ستائے گا کہاں تک
پتھر تو نہیں ہے کہ ہر اک چوٹ کو سہہ لے
دل، دل ہی تو ہے رنج اُٹھائے گا کہاں تک
اُس شوخ نے پیمانِ وفا کر تو لیا ہے
اب دیکھنا یہ ہے کہ نبھائے گا کہاں تک
آخر کو تیرا دل بھی پگھل جائے گا دلبر
میں روؤں گا کِتنا تُو رُلائے گا کہاں تک
تُو لاکھ تبسم کی رِدا ڈال دے دکھ پر
زخموں کے نشانات چھُپائے گا کہاں تک
میں تو غمِ دوراں میں ہوں الجھا ہوا اطیبؔ
پائے گا بھی وہ مجھ کو تو پائے گا کہاں تک



٭

دل دیوانہ لے بیٹھا ہے کب کی باتیں
یار کے قامت و قد عارض و لب کی باتیں
دن کی گپ شپ سے بھی ہو تے ہیں کئی کام خراب
نیند کر دیتی ہے بر باد یہ شب کی باتیں
ہم پہ تو ٹوٹ پڑے دوستو حیرت کے پہاڑ
شیخ کے منہ سے سنیں بنت عنب کی باتیں
جانے کب ٹوٹ پڑے شیشۂ دل کیا معلوم
ہم فقیروں سے ذرا کیجئے ڈھب کی باتیں
امن کی آس لئے بیٹھے ہیں مقتل کے قریب
شہر کے لوگ بھی کر تے ہیں غضب کی باتیں
سامنے کا ہمیں منظر بھی نظر آتا نہیں
لوگ سن لیتے ہیں کس طرح عقب کی باتیں
تیرے انداز پہ دل ہار نہ دے کیوں اطیبؔ
ہیں فضاؤں کی زباں پر تری چھب کی باتیں 


٭

ویسے گزر بسر کے لئے کچھ کمی نہیں 
پر زندگی کی جیب میں اک سانس بھی نہیں
چاہے بھری ہوئی ہوں ہزاروں تجوریاں
بچے کی اک ہنسی سے زیادہ بڑی نہیں
احساس سُن رہا ہے حنا بیز دستکیں
بینائی کہہ رہی ہے یہاں تو کوئی نہیں
لے تو رہے ہیں عہد درخشاں میں سانس ہم
حیرت کی بات یہ ہے کہیں روشنی نہیں
ماں باپ کی خوشی میں نبیؐ اور خدا ہیں خوش
اِس سے بڑی جہان میں دولت کوئی نہیں
کچھ ماورا سا ہے مری تخلیق کا جمال
خوشبو نہیں ، خیال نہیں، روشنی نہیں
انسانیت کا درد اُٹھا تا نہیں ہے جو
اطیبؔ مری نظر میں وہ انسان ہی نہیں


٭

بند ہو جاتی ہیں آنکھیں یونہی دلبر اکثر
جاگ جاتا ہے تیری یاد کا منظر اکثر
دل اندھیروں میں گھُٹا جا تا ہے اندر اندر
ہم اُجالوں سے اُلجھ پڑتے ہیں باہر اکثر
کبھی غرقاب کئے دیتی ہے پایاب ندی
پاؤں دھونے کو بھی آتے ہیں سمندر اکثر
اک ذرا شوق سے آگے جو کرو اپنی جبیں
پھول بن جاتے ہیں احباب کے پتھر اکثر
ہم بھی ٹوٹے ہیں تمہاری ہی طرح کتنی بار
ہم بھی کتنوں سے ملے آئینہ بن کر اکثر
جس کا کاٹا کبھی پانی نہیں مانگے اطیبؔ
میں نے دیکھا ہے اُسے آنکھ ملا کر اکثر



٭

کھولوں گا میں غم کے دفتر شام تو ہو
اُجلے ہوں گے سارے منظر شام تو ہو
غم کا سونا پگھلے گا یہ دن تو ڈھلے
چھلکیں گے آنکھوں کے ساغر شام تو ہو
دھوپ کی چادر تان کے دن بھر ساتھ چلے
دیکھیں گے اب شام کا منظر شام تو ہو
یادوں کی گہرائی ناپیں گے ہم بھی
پھینکیں گے اس جھیل میں پتھر شام تو ہو
گپ شب کر نے آئیں گے اک دوجے سے
چندا ساحل اور سمندر شام تو ہو
یادوں کا میلہ لگنے کو ہے اطیبؔ
ناچ اٹھیں گے دیوار و در شام تو ہو



٭

یہ التماس ہے پروردگار اب کے برس
زمینِ درد پہ خوشیاں اُتار اب کے برس
سلگ رہا ہے یہ صحرائے زندگی کب سے
فلک سے پھوٹے کرم کی پھوار اب کے برس
مجھے یقین ہے احساس کے گلستاں میں
مہکتی آئے گی فصلِ بہار اب کے برس
دعا کو ہاتھ اٹھاؤ مسرتیں مانگو
کہ چھٹنے والا ہے غم کا غبار اب کے برس
سدا یہ بڑھ کے رہے اور سبھی سے بڑھ کے رہے
غریب پر نگہِ کردگار اب کے برس
خلوص، پیار ، اخوت کا دور دورہ ہو 
کسی کے دل میں نہ ہو انتشار اب کے برس
نظر میں جل اُٹھے امید کے دئیے اطیبؔ
کہ رنگ لائے مرا انتظار اب کے برس




گیت۔۱

آؤ مل کر خوشی منائیں 
آزادی کے نغمے گائیں
عید یہی تہوار یہی ہے 
خوشیوں کا سنسار یہی ہے 
اپنا تو کر دار یہی ہے 
دیش پہ اپنی جان لٹائیں
آؤ مل کر خوشی منائیں 
آزادی کے نغمے گائیں

آزادی انمول رتن ہے
آزادی رنگین چمن ہے
آزادی ہے اپنی فطرت
تم بھی گاؤ ہم بھی گائیں
آؤ مل کر خوشی منائیں 
آزادی کے نغمے گائیں

آزادی ممتا کا آنگن 
آزادی راکھی کا بندھن
آزادی ہے پیار کی خوشبو
بولے ہیں بہنیں بولے ہیں مائیں
آؤ مل کر خوشی منائیں 
آزادی کے نغمے گائیں

آزادی دل کا درپن ہے
پھولوں سے مہکا گلشن ہے
رگوں میں جب تک خون بہے گا
ہم اِس گلشن کو مہکائیں
آؤ مل کر خوشی منائیں 
آزادی کے نغمے گائیں

اطیب چاہے برسیں پتھر 
آنچ نہ آنے دیں گے اِس پر
آزادی پھر خطرے میں ہے
آؤ اپنا فرض نبھائیں
آؤ مل کر خوشی منائیں 
آزادی کے نغمے گائیں



گیت۔۲
ہونٹ گلابی نین ترے کجرارے
تن کی ندی میں اتھل پتھل دو دھارے
تیری جھانجھر سے گونجیں گھر آنگن
اپنے ہاتھ سے چھو لے میرا دامن
من بگیا کو سانسوں سے مہکارے
ہونٹ گلابی نین ترے کجرارے
تن کی ندی میں اتھل پتھل دو دھارے
درد کی دھوپ ہے اور پلکوں کی چھایا
روشن کر دیتے ہیں میری کا یا
جگمگ جگمگ آنکھوں کے اُجیارے
ہونٹ گلابی نین ترے کجرارے
تن کی ندی میں اتھل پتھل دو دھارے
تیرا آنچل امبر، مکھ چندا ہے
اور زلفیں تیری گھنگھور گھٹا ہے
تیرے دو نینا ہیں یا دو تارے
ہونٹ گلابی نین ترے کجرارے
تن کی ندی میں اتھل پتھل دو دھارے
انگ انگ تیرا مجھ کو ساون لاگے
تُو جو چلے تو پون کی جھانجھن باجے
تیرا زیور بجلی اور برکھا رے
ہونٹ گلابی نین ترے کجرارے
تن کی ندی میں اتھل پتھل دو دھارے
جیون میں خوشیو کے دیپ جلا دے
او مہتاب قدم ٹھوکر ہی لگا دے
میری راہوں کو بھی ذرا چمکا رے




نعتیہ گیت۔۱

گلاب ، رنگ، روشنی،غبار پائے مصطفےٰؐ
تمام خوبصورتی غبار پائے مصطفےٰؐ
یہ رات کی ملاحتیں یہ صبح کی صباحتیں
یہ حسن کی نزاکتیں یہ عشق کی لطافتیں
بساط رنگ و نور کی غبار پائے مصطفےٰؐ
تمام خوبصورتی غبار پائے مصطفےٰؐ
یہ گلستاں کی رونقیں یہ ڈال ڈال نعمتیں
یہ آسماں کی انجمن، زمین کی یہ جنبشیں
گلوں کی یہ شگفتگی غبار پائے مصطفےٰؐ
تمام خوبصورتی غبار پائے مصطفےٰؐ


یہ آفتاب کی کرن یہ چاندنی کا پیر ہن
یہ جھنڈ کہکشاؤں کی یہ مسکراہٹوں کا بن
یہ جگمگاتی روشنی غبار پائے مصطفےٰؐ
تمام خوبصورتی غبار پائے مصطفےٰؐ
گلی گلی ، نگر نگر، چمن چمن، ڈگر ڈگر
متاعِ حسن بانٹنے یہاں وہاں اِدھر اُدھر
ہوا اُڑا کے لے چلی غبار پائے مصطفےٰؐ
تمام خوبصورتی غبار پائے مصطفےٰؐ



گیت۔۳

ہونٹ گلابی نین ترے کجرارے
تن کی ندی میں اتھل پتھل دو دھارے
تیری جھانجھر سے گونجیں گھر آنگن
اپنے ہاتھ سے چھو لے میرا دامن
من بگیا کو سانسوں سے مہکارے
ہونٹ گلابی نین ترے کجرارے
تن کی ندی میں اتھل پتھل دو دھارے
درد کی دھوپ ہے اور پلکوں کی چھیایا
روشن کر دیتے ہیں میری کا یا
جگمگ جگمگ آنکھوں کے اُجیارے
ہونٹ گلابی نین ترے کجرارے
تن کی ندی میں اتھل پتھل دو دھارے
تیرا آنچل امبر، مکھ چندا ہے
اور زلفیں تیری گھنگھور گھٹا ہے
تیرے دو نینا ہیں یا دو تارے
ہونٹ گلابی نین ترے کجرارے
تن کی ندی میں اتھل پتھل دو دھارے
انگ انگ تیرا مجھ کو ساون لاگے
تُو جو چلے تو پون کی جھانجھن باجے
تیرا زیور بجلی اور برکھا رے
ہونٹ گلابی نین ترے کجرارے
تن کی ندی میں اتھل پتھل دو دھارے
جیون میں خوشیو کے دیپ جلا دے
او مہتاب قدم ٹھوکر ہی لگا دے
میری راہوں کو بھی ذرا چمکا رے



نعتیہ گیت۔۲

گلاب ، رنگ، روشنی،غبار پائے مصطفےٰؐ
تمام خوبصورتی غبار پائے مصطفےٰؐ

یہ رات کی ملاحتیں یہ صبح کی صباحتیں
یہ حسن کی نزاکتیں یہ عشق کی لطافتیں
بساط رنگ و نور کی غبار پائے مصطفےٰؐ
تمام خوبصورتی غبار پائے مصطفےٰؐ

یہ گلستاں کی رونقیں یہ ڈال ڈال نعمتیں
یہ آسماں کی انجمن، زمین کی یہ جنبشیں
گلوں کی یہ شگفتگی غبار پائے مصطفےٰؐ
تمام خوبصورتی غبار پائے مصطفےٰؐ


یہ آفتاب کی کرن یہ چاندنی کا پیر ہن
یہ جھنڈ کہکشاؤں کی یہ مسکراہٹوں کا بن
یہ جگمگاتی روشنی غبار پائے مصطفےٰؐ
تمام خوبصورتی غبار پائے مصطفےٰؐ

گلی گلی ، نگر نگر، چمن چمن، ڈگر ڈگر
متاعِ حسن بانٹنے یہاں وہاں اِدھر اُدھر
ہوا اُڑا کے لے چلی غبار پائے مصطفےٰؐ
تمام خوبصورتی غبار پائے مصطفےٰؐ

یہ آفتاب کی کرن یہ چاندنی کا پیر ہن
یہ جھنڈ کہکشاؤں کی یہ مسکراہٹوں کا بن
یہ جگمگاتی روشنی غبار پائے مصطفےٰؐ
تمام خوبصورتی غبار پائے مصطفےٰؐ


نظم
ائے وطن تیری قسم تجھ سا وطن کوئی نہیں 
آسمانوں کو لبھاتی ہے تری پیاری زمیں

تیرے گلشن میں محبت کے کنول کھلتے تھے
پیار کی دھن پہ دھڑکتے ہوئے دل ملتے تھے
روپ تیرا تھا فقط سارے زمانے میں حسیں
ائے وطن تیری قسم تجھ سا وطن کوئی نہیں 
آسمانوں کو لبھاتی ہے تری پیاری زمیں

تیرے پہلو سے اٹھے لعل و جواہر کتنے
ہائے ہوتے تھے تیرے پیڑ ثمر ور کتنے
تیری تصویر سی اب بھی کوئی تصویر نہیں
ائے وطن تیری قسم تجھ سا وطن کوئی نہیں 
آسمانوں کو لبھاتی ہے تری پیاری زمیں


تیرے پنگھٹ کی فضا آج بھی رومانی ہے
رنگ سونی کے دوپٹے کا وہی دھانی ہے
ٹھیر کر ماہیۓ گا تا ہے مہیوال وہیں
ائے وطن تیری قسم تجھ سا وطن کوئی نہیں 
آسمانوں کو لبھاتی ہے تری پیاری زمیں

کیا ہوا آج محبت بھرے مئے خانوں کو
کیا کہے کوئی چھلکتے ہوئے پیمانوں کو
خون سے سرخ ہوئی جاتی ہے متوالی زمیں
ائے وطن تیری قسم تجھ سا وطن کوئی نہیں 
آسمانوں کو لبھاتی ہے تری پیاری زمیں

جس کا ایماں تھا محبت وہی حیوان بنا
اک درندے سے بھی بد تر یہاں انسان بنا
آدمیت کا نگہبان یہاں کوئی نہیں
ائے وطن تیری قسم تجھ سا وطن کوئی نہیں 
آسمانوں کو لبھاتی ہے تری پیاری زمیں


میرے سنسار میں گھس آئی ہے یہ کیسی بلا
بھائی کاٹے ہے یہاں اپنے ہی بھائی کا گلا
ہے مچی لوٹ کہیں، قتل کا بازار کہیں
ائے وطن تیری قسم تجھ سا وطن کوئی نہیں 
آسمانوں کو لبھاتی ہے تری پیاری زمیں

دل سے چاہی ہوئی چاہت یہاں محفوظ نہیں
ماؤں بہنوں کی بھی عصمت یہاں محفوظ نہیں
اور تو اور محبت یہاں محفوظ نہیں
ائے وطن تیری قسم تجھ سا وطن کوئی نہیں 
آسمانوں کو لبھاتی ہے تری پیاری زمیں

تھا کبھی سونے کی چڑیا یہ مرا پیارا وطن
آج سڑکوں پہ اُگا ہے جہاں لاشوں کا چمن
کو ن کر سکتا ہے اس بات پہ ائے دوست یقیں
ائے وطن تیری قسم تجھ سا وطن کوئی نہیں 
آسمانوں کو لبھاتی ہے تری پیاری زمیں


وہ بھی دن آئے کہ ہو امن و اماں ہر جانب
پیار کی روشنی لہرائے یہاں ہر جانب
عرش کے سامنے شرمندہ نہ ہو فرشِ زمیں
ائے وطن تیری قسم تجھ سا وطن کوئی نہیں 
آسمانوں کو لبھاتی ہے تری پیاری زمیں

وقت کو چوٹ لگاتا ہوا اک ہنگامہ
لوگ دیکھیں گے بدلتا ہوا منظر نامہ
یعنی پستی کے مکیں ہوں گے بلندی کے مکیں
ائے وطن تیری قسم تجھ سا وطن کوئی نہیں
آسمانوں کو لبھاتی ہے تری پیاری زمیں 

میں نے دیکھا ہے ترقی کا ٹھکانہ اطیبؔ
جگمگاتا ہوا رنگین زمانہ اطیبؔ
مادرِ ہند حقیقت ہے کوئی خواب نہیں
ائے وطن تیری قسم تجھ سا وطن کوئی نہیں 
آسمانوں کو لبھاتی ہے تری پیاری زمیں


گیت۔۴
دوستو پیار کرو پیار بڑی دولت ہے
پیار جس میں ہو وہ سنسار بڑی دولت ہے
بوجھ نفرت کا اٹھاؤ گے کہاں تک یارو
یہ ہے پرچھائیں تمہاری ہی اسے مت مارو
یار سے دور نہ ہو یار بڑی دولت ہے
دوستو پیار کرو پیار بڑی دولت ہے

چاہنے والوں سے دوری نہ گوارا کر نا
چاہنے والوں کا ہر وقت نظارا کر نا
چاہنے والوں کا دیدار بڑی دولت ہے
دوستو پیار کرو پیار بڑی دولت ہے

دھڑکنیں پھول سی ہیں پھول بچھائے رکھنا
دل کو دلدار کی آنکھوں میں بسائے رکھنا
دل بڑی چیز ہے دلدار بڑی دولت ہے
دوستو پیار کرو پیار بڑی دولت ہے

جتنا بڑھتے ہیں بڑھیں ظلم و ستم کے سائے
اپنے کردار پہ کچھ حرف نہ آنے پائے
آدمی کے لئے کردار بڑی دولت ہے
دوستو پیار کرو پیار بڑی دولت ہے

بات حق کی ہو تو پھر حق کو نہیں کھونا تم
ظالموں سے نہ کبھی خوفزدہ ہو نا تم
دوستو جرأتِ اظہار بڑی دولت ہے
دوستو پیار کرو پیار بڑی دولت ہے

بے گناہوں کو کوئی ظلم نہ سہنے دیں گے
کر لو اقرار کہ اب خون نہ بہنے دیں گے
اطیبؔ اعجاز یہ اقرار بڑی دولت ہے
دوستو پیار کرو پیار بڑی دولت ہے


گیت۔۵
کس نے سمجھا ہے پیار کا رشتہ
دل کا رشتہ ہے پیار کا رشتہ

ساری دنیا کا درد سہتا ہے
عمر بھر ساتھ ساتھ رہتا ہے
ایسا رشتہ ہیں پیار کا رشتہ
کس نے سمجھا ہے پیار کا رشتہ
دل کا رشتہ ہے پیار کا رشتہ

کشتیوں میں بھی ساحلوں میں بھی
اور ٹوٹے ہوئے دلوں میں بھی
سانس لیتا ہے پیار کا رشتہ
کس نے سمجھا ہے پیار کا رشتہ
دل کا رشتہ ہے پیار کا رشتہ

جب کوئی ساتھ چھوڑ دیتا ہے 
آئینہ دل کا توڑ دیتا ہے
دل بڑھاتا ہے پیار کا رشتہ
کس نے سمجھا ہے پیار کا رشتہ
دل کا رشتہ ہے پیار کا رشتہ

ہر کوئی بے وفا ہے دنیا میں
کون کس کا ہوا ہے دنیا میں
صرف سچا ہے پیار کا رشتہ
کس نے سمجھا ہے پیار کا رشتہ
دل کا رشتہ ہے پیار کا رشتہ

پاؤں اس کے کبھی نہیں تھکتے
ہم اسے روک بھی نہیں سکتے
ساتھ چلتا ہے پیار کا رشتہ
کس نے سمجھا ہے پیار کا رشتہ
دل کا رشتہ ہے پیار کا رشتہ


گیت

مست موسم کا ہے اعلان کہ ہولی آئی
آ مرے پاس مری جان کہ ہولی آئی

بھیگے رنگوں سے تیرا بھیگا بدن جلتا ہے
پھول کی آنچ سے لگتا ہے چمن جلتا ہے
موج در موج ہے طوفان کہ ہولی آئی

سانولی رُت ہے گلابوں کو حیا آتی ہے
دھوپ بھی چھاؤں پہ قربان ہوئی جاتی ہے
وقت نے پائی عجب شان کہ ہو لی آئی

پیار کر نے کی گھڑی آئی ہے رُک جا دلبر
دوڑ کر آمری آغوش میں اب ضد مت کر
آج تو میرا کہا مان کہ ہو لی آئی


دیکھ کیا کہتی ہیں ساون کی پھواریں تجھ سے
آج کیا پوچھ رہی ہیں یہ بہاریں تجھ سے
دل کی آواز کو پہچان کہ ہولی آئی

میری سانسوں میں مہک جا مرے دل میں آ جا
روح میں آج تو اطیب ؔ کی صنم لہرا جا
جانِ من یوں نہ ہو انجان کہ ہولی آئی



یاد تمہاری آئی ہے
٭

آنکھ میں آنسو لا ئی ہے 
دل نے سیج سجائی ہے
غم کی آج سگائی ہے
تیرا تصور جانِ جاں
تیری طرح ہر جائی ہے
تنہائی کے موسم میں
یادوں کی پروائی ہے
دوست موافق ہیں میرے
اور مخالف بھائی ہے
بجلی سی کوندی ہے کوئی
یا تیری انگڑائی ہے
پروانے جس پر ہیں نثار
شمع کس نے جلائی ہے
جب سے گیا ہے چھوڑ کے تُو
ساتھ مرے تنہائی ہے
نیند جو مجھ سے روٹھ گئی
خوابوں کی پسپائی ہے
برفیلے ارمانوں میں
کس نے آگ لگائی ہے
اُن کی زلف اُڑی ہو گی 
مہکی ہوئی پر وائی ہے
یار ہی کیا اب دشمن بھی
اطیبؔ کا شیدائی ہے


گیت۔۶
گنگناتی ہے جب آنگن میں ہوا شام کے بعد
آنے لگتی ہے مجھے تیری صدا شام کے بعد
رات کاٹی تری تصویر سے باتیں کر تے
دن گزارا ہے کسی طرح سے جیتے مر تے
پھر سے تنہائی کا احساس ہوا شام کے بعد
مدتیں گزریں بچھڑ کر مرے دلبر تجھ سے
چھُٹ نہ پائی تری یادوں کی سہیلی مجھ سے
روز کر تی ہے جدائی کا گلہ شام کے بعد
روز ہی چاند چمکتے ہیں تری یادوں کے
پھول رہ رہ کے مہکتے ہیں تری یادوں کے
چوم لیتی ہے ترے پاؤں گھٹا شام کے بعد
میرے ہاتھوں میں تیرا ہاتھ ہوا کر تا تھا
اور ہر سانس میں گلزار کھلا کر تا تھا
تیرے آتے ہی چلی آتی ہے صبا شام کے بعد

٭٭٭
شاعر کی اجازت اور تشکر کے ساتھ کہ انہوں نے فائل بھی عطا کی

انپیج سے تبدیلی، پرو ف ریڈنگ، ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

