﻿

روبرو


محمد حمید شاہد 

(افسانہ نگار، نقاد، دانشور)
اردوافسانہ اور تنقید کے موضوع پر پہلا آن لائن انٹرویو


حرف کار (عالمی)
فیس بک ادبی فورم



 
میزبان /پینل
ضیاء الدین نعیم
ضیاء المصطفیٰ  ترک
اسد ضیا
حمیدہ شاہین
نوید غازی
بلال احمد
سلمیٰ جیلانی
عظمیٰ سلیم
سعود عثمانی
نسیم سید

فلور اوپن ہونے کے بعد گفتگو کو آگے بڑھانے والے
علی زبیر
ممتاز رفیق  
عنبرین صلاح الدین

 

سعود عثمانی
سلام و  آداب دوستو۔ ۔ روبرو آن لائن انٹرویو کا وقت ہونے والا ہے۔ براہ کرم دوست اس لڑی میں تشریف لے آئیں۔ 
علی زبیر
قاری علی زبیر موجود ہے
نوید غازی
سب دوست یہاں اس لڑی میں تشریف لے آئیں۔۔ اسی لڑی میں سوالات و جوابات ہوں گے اور ہم محترم محمد حمید شاہد صاحب کی مدلل اور پر مغز گفتگو سے استفادہ کریں گے۔۔ یہ ہمارے لئیے باعث افتخار ہے کہ آج حمید شاہد صاحب ہمارے درمیان موجود ہوں گے اور یہ پہلا آن لائن انٹرویو ایک بہت انوکھا اور خوشگوار تجربہ ثابت ہو گا۔۔
عدنان قیصر 
السلام علیکم سعود بھائی۔۔ بہت اچھا اور منفرد آئیڈیا ہے آن لائن انٹر ویو کا
سعود عثمانی
دوستوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ علی زبیر اور عدنان۔ کیسے ہیں
علی زبیر
سعود بھائی خیریت سے ہیں اور ایک نئے تجربے کی سنسنی خیزی لیے ہمہ تن گوش ہوں
نسیم سید
سحری بخیر دوستو، میں مو جو د ہوں اور سب کو خوش آ مدید کہتی ہوں
سعود عثمانی
بہت شکریہ علی زبیر۔ یقیناً یہ ایک نیا تجربہ بھی ہو گا اور ایک نیا باب وا ہو گا۔ ملاقاتوں کا
نسیم سید
علی زبیر اپنا سوال تیا ر رکھنا ہم فلو ر اوپن کریں گے تو تم سوا ل کر سکتے ہو۔
عظمیٰ سلیم
خوش آمدید۔۔۔۔۔امید ہے کہ یہ نیا تجربہ تمام احباب کے لیے معلوماتی اور پر لطف ہو گا۔
سعود عثمانی
میں اس سلسلے کو بڑھاتا ہوں آپ سب کی اجازت سے
عدنان قیصر 
اللہ کا احسان ہے،  سعود بھائی آپ سنائیے۔
سعود عثمانی
حرف کار عالمی کے آن لائن انٹرویو "رو برو " میں خوش آمدید 
حرف کار کا ہمیشہ سے یہ اعزاز رہا ہے کہ بہت سے با مقصد،  ادبی،  علمی موضوعات پر اس نے منفرد پروگرام کیے ہیں۔ اور اس حوالے سے اس کا نام اور کام دیگر موجود گروپس سے مختلف رہا ہے۔ 
آن لائن مکالمے اور ملاقات کا یہ نیا سلسلہ " رو برو " بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔ 
آج روبرو کے پہلے آن لائن انٹرویو میں ہم نے نامور ادیب،  نقاد،  افسانہ نگار اور دانشور جناب محمد حمید شاہد کو مکالمے کی دعوت دی ہے اور ہمیں بے حد خوشی ہے کہ انہوں نے یہ دعوت قبول کی اور اس وقت ہم ان سے آن لائن گفتگو کرسکتے ہیں
حمیدہ شاہین
السّلام علیکم!
نوید غازی
ہم پہلے آن لائن مشاعرے تو کر ہی چکے ہیں۔۔ اور بہت کامیاب طریقے سے ہوئے۔۔ یہ بھی انشاء للہ بہت زبردست پروگرام ہو گا۔
بلال احمد
انشاء اللہ
نسیم سید
خوش آ مدید حمیدہ شاہین کیسی ہیں
سعود عثمانی
جناب محمد حمید شاہد محتاج تعارف بھی نہیں اور ان کی شناخت کی کوئی ایک نہیں بلکہ بہت سی جہات ہیں۔ وہ افسانہ نگاروں کی اس صف میں شامل ہیں جنہوں نے جناب رشید امجد،  جناب منشاء یاد وغیرہ کی نسل کے بعد اس ذمے داری کو سنبھالا ہے اور اس میں اپنا نام پیدا کیا ہے
نوید غازی
وعلیکم السلام۔ ۔ حمیدہ آپا کیسی ہیں آپ۔۔۔ خوش آمدید
بلال احمد
ہم آن لائن مشاعروں کے علاوہ روبرو کے سلسلے کے بھی شاید دو پروگرام کر چکے ہیں جن میں سوالات کے بجائے ہلکا پھلکا تعارف اور مہمان کی شاعری شامل تھی
نسیم سید
سب مل کے دعا مانگو کہ بجلی نہیں جائے
سعود عثمانی
وہ نقد و نظر میں معتبر ادبی نقاد کے طور پر مانے جاتے ہیں۔ اور اس سلسلے میں معتد بہ تنقیدی مضامین لکھ چکے ہیں۔ انہوں نسےشاعری کو اپنا وسیلۂ  اظہار بنایا ہے اور بطور دانشور ان کی رائے کا احترام موجود ہے۔ ایک اعلیٰ حرف کار کا اصل تعارف اس کا کام ہوتا ہے۔ سو آئیے اس مزید تعارف کی طرف چلتے ہیں۔ 
نسیم سید
اور میں دعا مانگوں تم کہو آ مین
بلال احمد
ثم آمین
حمیدہ شاہین
الحمد للہ
سعود عثمانی
میں اپنی جانب سے اور حرف کار کی جانب سے جناب حمید شاہد صاحب کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ اور محترمہ نسیم سید سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے ہم سب کی ترجمانی کریں۔ نظامت کے لیے محترمہ نسیم سید۔ 
ایک بات جو سب کے علم میں ہے بجلی کا مسئلہ ہے۔ حمید شاہد صاحب کی طرف اس وقت یہی مسئلہ ہے لیکن وہ موبائل سے شامل ہیں اور جلد ہی بجلی آ جانے پر کمپیوٹر سے شامل ہو جائیں گے۔سو میں یہ اس انٹرویو کی نظامت کے لیے محترمہ نسیم سید صاحب سے درخواست کر رہا ہوں کہ وہ اسے آگے بڑھائیں
محمد حمید شاہد
حرف کار(عالمی) کے تمام احباب کو آداب
نسیم سید
بہت شکریہ سعود۔ ۔ مختصر الفا ظ میں بھر پو ر تعارف کر ا یا جنا ب حمید شاہد کا آپ نے۔ 
میں خو ش آ مدید کہتی ہوں اپنے معزز مہمان اور حرف کا ر کے ان ساتھیوں کو جو اس محفل میں شریک ہیں۔ 
آئیے آ ج کی اس اہم اور خو بصورت محفل کا آغاز کر تے ہیں میں حرف کا ر کی ٹیم کے رکن،  شاعر نثر نگار اور پنجا ب لا ء کالج کے طالب علم بلا ل ا حمدسے درخواست کروں گی اپنا سوا ل پیش کر نے کی۔ ۔
علی زبیر
بلا شبہ حرف کار ایک بڑے برقی ادبی گروہ کی صورت نمودار ہو چکا ہے۔۔۔ ہم حمید شاہد صاحب کا انٹرویو پڑھنے کے لیے ہمہ تن گوش ہیں۔۔۔ سعود بھائی، نسیم آپا، و دیگر انتظامیہ کو مبارکباد اور نیک تمنائیں
نوید غازی
سب دوستوں سے گزارش ہے کہ پیج ریفریش کرنے کے لیئے گاہے گاہے F5 کا بٹن دباتے رہیں تا کہ موجودہ لڑی سے استفادہ کر سکیں۔
نسیم سید
دوستو سوالات شرو ع ہو جائیں تو بلا ل کے سوال اور حمید شاہد صاحب کے جوا ب کے درمیاں مدا خلت نہیں کریں۔ جب حمید شاہد صاحب جو ب دے چکیں اور اگر تشفی نہ ہو ئی بلا ل کی یا کسی اور پینل کے شریک کی تو وہ مختصر الفا ظ میں سوا ل کر سکتا ہے۔
نوید غازی
ابھی بلال کا موبائل پہ فون آیا ہے کہ وہاں لائٹ چلی گئی ہے۔
نسیم سید
میں دلی خوش آ مدید کہتی ہوں اپنے معزز مہمان کو۔ ۔
نوید غازی
بلال کا سوال میں یہاں لگائے دیتا ہوں۔۔ لائٹ آنے پر بلال بھی آن لائن ہوں گے۔
نسیم سید
اسی صور ت میں نوید غازی میں آپ سے درخواست کروں گی کہ اپنا سو ال آپ تحریر کیجئے
محمد حمید شاہد
نسیم سید صاحبہ،  مجھ پر حرف کار اور اس کی انتظامیہ کا شکریہ واجب ہے۔ آپ نے اتنا تردد کیا۔ کوشش کروں گا کہ گفتگو بامعنی رہے اور ہم اس خالی پن سے بچ جائیں جس میں لفظ، خالی کنستر کی طرح بجتے تو بہت ہیں،  مگر اندر سے کچھ برآمد نہیں ہوتا۔ کچھ عرصہ سے ہمارے مکالموں اور تنقیدی مضامین میں ایک خاص نوع کی تیکنیکی زبان کا چلن عام ہوا ہے،  جناب، زبان میں سہواً کہہ گیا تیکنیکی اصطلاحات کا انبار کہہ لیں،  ان کے استعمال سے اتنا زیادہ شور ہوا کہ یہ بانجھ شور خامشی ہو گیا ہے۔ آپ جانتے ہی ہیں کہ مسلسل شور خامشی ہوتا اور چپ میں اطالت آ جائے تو وہ بولنے لگتی ہے۔ تو یوں ہے کہ تنقیدی تیکنیک کاروں کی شور زدہ خامشی میں آپ چپ کو زباں دے رہی ہیں،  لہذا میں بھی کوشش کروں گا کہ محض اصطلاحیں نہ اچھالوں،  ادب کے حوالے سے بات کروں۔
سعود عثمانی
جی ہاں یہ بجلی کا مسئلہ مسلسل رہے گا۔ بلال کا سوال ہم شامل کر دیتے ہیں۔ نوید آپ بلال کا سوال شامل کر دیں
نسیم سید
ہم بلا ل کا انتظار کر لیں گے میں درخواست کرتی ہوں نوید آپ سے
نوید غازی
جی میں سوال پیش کرتا ہوں
نسیم سید
حمید شاہد صاحب آ ج آپ دائیں بائیں و کلا میں گھر ے ہوئے ہیں :))
لیکن آپ گھبرایئے گا نہیں میں ان کو جر ح کی اجازت نہیں دوں گی یہ صرف سوا ل کر سکتے ہیں۔ ۔ 
معروف شاعر،  حر ف کا ر کے ایک اور منتظم اور لائق وکیل نوید غازی صاحب سے درخواست کروں  گی کہ تشریف لائیں اور اپنا سو ا ل پیش کر یں۔
سعود عثمانی
جی شکریہ حمید صاحب بہت درست کہا آپ نے
" ان کے استعمال سے اتنا زیادہ شور ہوا کہ یہ بانجھ شور خامشی ہو گیا ہے۔ آپ جانتے ہی ہیں کہ مسلسل شور خامشی ہوتا اور چپ میں اطالت آ جائے تو وہ بولنے لگتی ہے"
نوید غازی
حمید شاہد بھائی سے میرا سوال ہے۔۔آپ لکھتے ہیں کہ 
"دیکھا جائے تو زندگی کا تجربہ ہمارے اوپر افسانے کی طرح بیت رہا ہے، لہذا وقت اور دنیا کو سمجھنے کا بہترین وسیلہ یہی صنف بنتی ہے"
حمید شاہد بھائی۔۔ کیا آپ یہ سمجھتے ہیں کہ ادب کی دیگر اصناف کے مقابل افسانے کو کچھ زیادہ اہمیت حاصل ہے اور کیا باقی اصناف کے خالق زندگی کے تجربات سے گزرتے ہوئے اس کا ادراک اس طرح نہیں کر سکتے جیسے کہ افسانہ نگار کو حاصل ہوتا ہے؟
نسیم سید
جب ہما رے مہمان جنا ب حمید شاہد محو گفتگو ہوں تو برائے مہر بانی مدا خلت نہ کیجئے
محمد حمید شاہد
نوید غازی صاحب،  آپ نے پہلا ہی سوال ایسا کر دیا کہ مجھے سنبھل سنبھل کر بات کرنا ہو گی۔ جناب میرے لیے سب اصناف محترم ہیں،  تاہم شاعری کا تخلیقی عمل کچھ اور قرینے مانگتا ہے اور فکشن کے مطالبات الگ ہیں پھر شاعری کے اندر غزل اس طرح نہیں لکھی جا سکتی،  جس طرح کہ آپ نظم لکھتے ہیں بالکل اسی طرح ناول کے تقاضے الگ ہیں اور افسانے کے الگ۔ اچھا اس بات کا صحیح تناظر سمجھنے کے لیے شمس الرحمن فاروقی صاحب کا وہ متنازعہ مکالمہ نما مضمون یاد کیجئے جس میں بڑی صنف سخن کی نشانی یہ بتائی تھی کہ وہ ہمہ وقت تبدیلیوں کی متحمل ہو سکتی ہے اور اس کسوٹی پر افسانے کو پرکھتے ہوئے فیصلہ سنا دیا تھا کہ
۔۔۔افسانے کی چھوٹائی یہی ہے۔ اس میں اتنی جگہ نہیں ہے کہ نئے تجربات ہو سکیں،  ایک آدھ بار تھوڑا بہت تلاطم ہوا اور بس
۔۔۔افسانے کی سب سے بڑی کمزوری یہ ہے کہ اس کا بیانیہ کردار پوری طرح بدلا نہیں جا سکتا۔
۔۔۔اَفسانہ ایک معمولی صنف سخن ہے اور علی الخصوص شاعری کے سامنے نہیں ٹھہر سکتا
۔۔۔تاریخ کم بخت تو یہی بتاتی ہے کہ کوئی شخص صرف و محض اَفسانہ نگاری کے بانس پر چڑھ کر بڑا ادیب نہیں بن سکا ہے۔ وغیرہ وغیرہ۔ 
یہ بیانات فاروقی صاحب نے افسانے کی حمایت میں لکھتے ہوئے دیے تھے،  مگر دیکھیئے کہ اس باب میں اس "کم بخت تاریخ" نے کیا عیاری اور چالبازی دکھائی۔ شاعر نثّار اور نقاد فاروقی کے کندھوں سے کندھے ملا کر فکشن نگار فاروقی کھڑا ہو گیا،  "سوار اور دوسرے افسانے والا "۔ تہذیبی زندگی کا مرقع ہو جانے والے ناول "کئی چاند تھے سر آسماں" کا ناول نگار فاروقی۔ اب تو یہ والا فاروقی قدم آگے نکالتا ہے اور اپنی شاعری سے بڑھ کر توقیر،برتری اور قبولیت اسی "ناس مارے افسانے اور ناول" کے سبب پاتا ہے۔ صاحب جسے عمر بھر آپ اصناف پر حکمرانی کے لائق گردانتے رہے،  اسے سب اصناف سے اعلیٰ و اولی قرار دیتے رہے،  اس میں حوصلہ تھا، نہ تڑ، کہ ان تخلیقی تجربوں کو سہار سکتی جو اس کمزور، معمولی اور نہ بدلنے والی صنف نے کمال ہمت سے اور اپنے بھیتر کے دائروں اور بھنوروں کو بدل کر سہار لیے ہیں۔ جن دنوں فاروقی صاحب اسلام آباد آئے تھے تو میں نے نہایت ادب سے گزارش کی تھی کہ اصل قضیہ تخلیقیت ہے،شاعری یا نثر کی اصناف میں درجے بندی کا نہیں۔ اور یہاں بھی یہی دہرانا ہے کہ ہر صنف کا اپنا اپنا علاقہ ہوتا ہے۔ اس علاقے کے اندر رہ کر تخلیقی تجربے کی خوبی یا خامی کے اندازے لگائے جا سکتے ہیں اور لگانے بھی چاہئیں۔ نثر اور شاعری کی اصناف کے بیچ تفریق تو الگ رہی میں تو شاعری کی مختلف اصناف میں اس قسم کا موازنہ بھی موزوں نہیں سمجھتا ہوں۔ 
اب رہا اس سوال کا جواب کہ کیا ادب کی دیگر اصناف کے مقابلے میں افسانہ زندگی کے تجربات کے زیادہ تجربہ کو جھیلتا ہے،  تو اس کا جواب ہو گا کہ ہاں،  کیوں کہ افسانے میں واقعہ خیال ہو کر افق کو نہیں اٹھتا،  خیال واقعہ ہو جاتا ہے یا کردار اور وہ سارے دکھ جھیلتا ہے جو اسے زماں اور مکان کے کھونٹے سے بندھ کر بھگتا ہوتے ہیں۔ تاہم زمان و مکاں کے اس جبر کے باوجود وہ اس میں اتھل پتھل کرنے کا تجربہ کرتے ہوئے تخلیقی امکانات یوں پیدا کرتا ہے کہ زندگی محض خیال نہیں ہو جاتی،  لمحہ لمحہ گزرتی محسوس ہوتی ہے۔ یہ مسئلہ شاعری کا نہیں ہے،  زماں و مکان اس کے لیے محض مہمیز کا کام کرتے ہیں،  واقعہ سانحہ ہو کر احساس کی سطح پر تحلیل ہو جاتا ہے اور ایک مصرع، ایک شعر یا ایک نظم کی چند سطروں کے بعد اس کے،  اس تجربے سے اس طرح نہیں گزرنا ہوتا،  جو افسانہ نگار کے مقدر میں ہوتا ہے۔ یوں دیکھا جائے تو شاعری اس کی مکلف بھی نہیں ہے اور یہی اس کا امتیاز بھی ہے کہ وہ جزئیات سے احتراز کرے اور واقعہ کو دھندلا دے۔ دوسری طرف دیکھیں تو جو شاعری کا امتیاز ہے وہ فکشن میں خامی کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے،  اور اس کا امتیاز یہ ہے کہ وہ زندگی کا بھرپور مظہر ہو، اس کے آہنگ اور لحن کے ساتھ۔ افسانے کی خوبی یہ ہے کہ اس کے بیانیہ کردار بہر حال برقرار رکھنا ہوتا ہے جب کہ شاعری اس کی پابند نہیں ہے بلکہ دیکھا گیا ہے بعض اوقات کرداری اور بیانیہ نظمیں اپنی تاثیر اس طرح،  اور اس شدت سے برقرار نہیں رکھ پاتیں،  جتنا کہ بیانیے کو توڑنے، اور کرداروں کو دھندلا کر مکمل ہونے والی نظمیں۔ دونوں اصناف کا اپنا اپنا علاقہ ہے اور انہیں اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیئے۔
نسیم سید
گفتگو جس خو ب صور تی سے آ گے بڑھ رہی ہے اسے کچھ اور مہمیز کر نے کے لئے میں درخواست کروں  گی حرف کا ر کے بانی و سر پرست اور معروف و محترم شاعر جنا ب سعو د عثمانی سے کہ اپنا سوال پیش کریں۔ تشریف لایئے سعود صاحب۔
سعود عثمانی
واہ واہ۔ کیا تفصیلی اور علمی جواب ہے حمید شاہد صاحب۔ 
میں اپنا سوال پیش کرتا ہوں۔ 
آپ کے افسانوں میں داستانی رنگ پایا جاتا ہے۔ اس انداز میں لکھنے والوں میں کئی آپ کے پیشرو بھی ہیں۔ کیا یہ اسلوب آپ کا شعوری اختیار کردہ اور پسندیدہ ہے ؟ نیز کیا آپ کے خیال میں اس انداز میں ابھی وہ امکانات موجود ہیں جن کے تحت بڑی اور غیر معمولی تحریریں لکھی جاسکتی ہیں
نسیم سید
سعود بہت اہم سوال ہے اور مجھے یقین ہے کہ بہت تفصیلی جوا ب لکھ رہے ہیں حمید شاہد صاحب انتظار ہے اس سوال کے جوا ب کا
محمد حمید شاہد
سعود عثمانی صاحب،  آپ کے سوال کے جواب میں مجھے فوری طور پر یہ کہنا ہے کہ میرے ہاں محض داستانی رنگ کے افسانے نہیں ہیں۔ منشا یاد مرحوم نے میرے افسانوں کے دوسرے مجموعے "جنم جہنم " کے حوالے سے جو لکھا، اسے لفظ بہ لفظ دہرا دیتا ہوں۔ "حمید شاہد کے فنِ اَفسانہ نگاری کی اہم خوبی ہے کہ وہ کسی ایک خاص ڈکشن کے اسیر نہیں ہوئے اور صاحبِ اسلوب بننے کی کوشش میں خود کو محدود نہیں کیا۔ صاحبِ اسلوب اور صاحبِ طرز کہلانے کی خواہش نے اچھے اچھوں کو ضائع کر دیا۔ کوئی موضوع یا مواد خواہ کتنا ہی قیمتی ہوتا اگر ان کے پہلے سے بنائے گئے فنی سانچے میں فٹ نہ ہوتا تو وہ اسے چھوڑ دیتے مگر اپنے اسلوب میں لچک برداشت نہ کرتے۔ انہیں کہانی سے زیادہ اسلوب عزیز ہوتا۔ مگر حمید شاہد کے ہاں ایسا نہیں ہے۔ وہ خیال، مواد اور موضوع کے ساتھ تکنیک اور اسلوب میں ضرورت کے مطابق تبدیلی پیدا کر لیتے ہیں۔ وہ ہر رنگ کی کہانی لکھنے پر قادر ہیں ان کی کہانیاں زمین سے جڑی ہوئی ہوتی ہیں۔ اپنی تہذیب، ثقافت اور اقدار کی خوشبو لئے ہوئے اوراَفسانے کی روایت سے گہرا رشتہ رکھتے ہوئے۔ لیکن تازگی اور ندرت کی حامل اورایسی پر اثر کہ پڑھ لیں تو پیچھا نہیں چھوڑتیں۔ اندر حلول کر جاتی ہیں۔
(جاری)
محمد حمید شاہد
اچھا یہ بات انہوں نے حلقہ ارباب ذوق کے اس اجلاس میں بھی دہرائی تھی،  جو "میرا تخلیقی عمل" کے حوالے سے میرے ساتھ منعقد ہوا تھا اور انہوں نے صدارت کی تھی۔ اس اجلاس میں جو گفتگو ہوئی بعد میں شب خون میں بھی چھپ گئی تھی اور اب میری کتاب " اردو افسانہ صورت و معنی" کا حصہ ہے۔ اس اجلاس میں، میں نے یہ بھی کہا تھا کہ تخلیق کے دورانیے میں فرد کا ذاتی جوہر مقدم رہتا ہے اس کارزار میں وہ اکیلا ہی اترا ہوتا ہے۔ فرد کی فکری اساس سوچنے سمجھنے کی راہ تو متعین کر سکتی ہے مگر تخلیقی عمل شروع ہونے پر جو راستہ اختیار کرتا ہے اس میں باقی چیزیں اور خارجی سہارے پیچھے رہ جاتے ہیں۔ ایسے میں اووروں کی پیروی کی بہ جائے اپنے اندر بپا تخلیقی عمل سے وفادار ہونا پڑتا ہے۔ اگر کسی بنی بنائی راہ کو سامنے رکھا جائے تو تخلیق کے نفیس اور پراسرار عمل میں رخنے پڑنے لگتے ہیں۔ فن پارہ تخلیق کرتے ہوئے اسے اکیلا ہی ہونا چاہیے۔ جب میں نے یہ کہا تو ایک معزز ناقد نے اعتراض اٹھایا،  صاحب کہ آپ نے تو تخلیقی عمل کے دوران تخلیق کاروں  کو تنہا جزیرے کے طور پر دکھایا ہے جبکہ وہ اردگرد کے لکھنے والوں سے تخلیقی تجربے کو شیئر کرتے ہیں۔ کیا آپ نے اثرات قبول نہیں کیے اپنے عہد سے پہلے کے لکھنے والوں سے۔ میرا جواب تھا،  میں نے کوشش کی ہے کہ جیسا کسی اور نے لکھا ہے میں ویسانہ لکھوں۔ منشا یاد میرے پاس بیٹھے ہوئے تھے ان کی طرف اشارہ کیا اور کہا،  منشا یاد ہوں یا منٹو، بیدی اور غلام عباس یا پھر کوئی اور میں ان جیسا نہیں لکھنا چاہتا۔ میرا اپنا تخلیقی تجربہ میری راہ متعین کرتا ہے اور یہ خرابی یا خلش میرے اندر ہے کہ مجھے سب سے بچ نکلنا ہے۔ تمام اچھے اَفسانہ نگاروں کے مجھ پر اثرات ضرور ہوں گے کہ میں روایت کے ساتھ جڑا ہوا آدمی ہوں۔ جڑا ہوا بھی ہوں اور اس سے کٹتا بھی رہتا ہوں تاہم لکھتے ہوئے میں تنہا ہو جاتا ہوں۔ اور میں اچھے تخلیق کار کے لیے ضروری سمجھتا ہوں کہ وہ ممکن حد تک دوسروں کے اثرات سے بچے اور ذاتی جوہر کو اپنی کارکردگی دکھانے دے۔ 
(جاری)
محمد حمید شاہد
یہی سبب ہے کہ ممتاز مفتی تو میرے اسلوب میں ایک سادگی اور خلوص کو شناخت کرتے ہیں اور انہیں رنگ رس والی کہانیاں قرار دیتے ہیں جبکہ احمد ندیم قاسمی کو ان کہانیوں کا ایک ایک کردار ایک ایک لاکھ انسانوں کی نمائندگی کرتا نظر آتا ہے۔ دوسری طرف شمس الرحمن فاروقی مجھے ایسا ذی ہوش اور حساس قصہ گو قرار دیتے ہیں جس کی کہانیوں میں بہ ظاہر ایک پیچیدگی ہوتی ہے مگر اس کے بیانیہ کا وصف قاری کو گرفت میں رکھتا ہے۔ فاروقی صاحب نے تو یہاں تک لکھا کہ میں ایسے موضوعات کو اپنے بیانیہ میں بے تکلف لے آتا ہوں جس کے بارے میں زیادہ تر افسانہ نگار گو مگو کی کیفیت میں مبتلا ہیں کہ ان سے کیا معاملہ کیا جائے۔ حال ہی میں میرے ناول" مٹی آدم کھاتی ہے" کو بھارت کے ادبی جریدہ "آمد میں چھاپا گیا تو اس پر اگلے شمارے میں ایک تبصرہ نگار نے لکھا کہ جس اسلوب میں یہ ناول کامیابی سے لکھا گیا ہے،  اس میں اردو والوں نے جب جب لکھا اس میں سے مطالعاتی وصف منہا ہو گیا مگر "مٹی آدم کھاتی ہے" میں نہ صرف قاری کی دلچسپی آخر تک برقرار رہتی ہے،  کردار بھر پور شباہت بناتے ہیں اور موضوع بھی اپنے اسلوب کے اندر سے برآمد پاتا ہے۔ ظفر اقبال اسی ناول پر تبصرہ کرتے ہوئے، کردار نگاری کو دیکھتے ہوئے منٹو کو یا د کرتے ہیں۔ خیر ان مختلف بیانات سے آپ نے اندازہ لگایا ہو گا کہ کسی ایک اسلوب میں پیروی میں لکھنا کبھی میری ترجیحات میں نہیں رہا ہے۔ 
نسیم سید
بہت خو ب کہہ ا پ نے بجائے خود اپنے با رے مین کچھ کہنے کے منشا یا د کے کوٹیشن دئے جو کہ مکمل احاطہ کر تے ہیں، سعو د کے سوا ل کا۔
کیا اسد ضیا صاحب تشریف رکھتے ہیں؟
محمد حمید شاہد
اپنے بارے میں اپنی زبان سے کچھ کہنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے
عظمٰی سلیم
واقعی جواب تفصیلاً اور بہت واضح ہے۔ شکریہ حمید شاہد صاحب
سعود عثمانی
بہت شکریہ حمید صاحب۔ بہت مفصل جواب دیا آپ نے اور بہت سیر حاصل۔ 
بہت بہت شکریہ
حمیدہ شاہین
کیا شافی و کافی جواب ہے
 :)
نسیم سید
جی او ر یہ بھی بتا تی چلوں کہ آ ج کی یہ تمام گفتگو ہم جلد ہی شائع کریں گے
سعود عثمانی
اگرچہ یہ جوابات بعد میں بھی اطمینان سے پڑھے جائیں گے۔ لیکن ایک بار پڑھنے میں بھی بہت علمی گوشے وا ہوتے ہیں
نسیم سید
کسی کو معلوم ہے کہ اسد ضیا صاحب مو جو د ہیں یا نہیں؟
سعود عثمانی
ہماری کوشش ہو گی کہ یہ انٹرویو کسی وقیع ادبی پرچے میں جلد شائع ہوسکے
نوید غازی
کیا بات ہے حمید شاہد بھائی۔۔ کیسے خوبصورت جوابات ہیں۔۔
سعود عثمانی
اسد ضیا میرے خیال میں ابھی موجود نہیں ہیں۔ 
نسیم سید
اور ضیا تر ک صاحب
سعود عثمانی
جیسا کہ یہاں بجلی کا مسئلہ چل رہا ہے۔ یہ حضرات بھی اپنے اپنے علاقوں میں اسی کا شکار ہیں لیکن ان کے سوالات موجود ہیں اور ہم حمید شاہد صاحب کے سامنے ان کی نمائندگی کریں گے
نسیم سید
شا ید ضیا تر ک بھی نہیں ہیں لہذا میں سلمی جیلانی سے درخواست کروں گی
جنا ب ضیا المصطفےٰ تر ک کی ہی طر ح سلمیٰ جیلانی بھی ایک ایسی شخصیت ہیں جو  فا رسی انگریزی اور اردو پر یکساں دسترس رکھتی ہیں۔ ۔ آپ کے فا رسی اور انگریزی کے ترا جم بڑی تعداد میں فیس بک پر مو جو د ہیں۔ ۔
سلمیٰ جیلانی حرف کا ر کے منتظمین میں سے ہیں نیو زی لینڈ میں رہتی ہیں اور بزنس اور اکاؤٹنگ جیسے مضامین کی استا د ہیں۔ سلمیٰ آپ سے در خواست کروں گی کہ سوال پیش کیجئے۔
ممتاز رفیق
کیا کمال کا مکالمہ ہو رہا ہے۔ 
نسیم سید
میر ا خیا ل ہے کہ ہم ان کا انتظار کر لیتے ہیں
سلمی مو جو د ہیں اس لئے سلمٰی سوال پو چھ سکتی ہیں
سلمیٰ جیلا نی صاحبہ آپ کا سوا ل ؟
سلمیٰ جیلانی
السلام علیکم جناب شاہد صاحب
بہت شکریہ نسیم، بساط سے بڑھ کر تعارف کے لئے
میرا سوال آپ کی تین میم تھیوری سے متعلق ہے۔یہ کیا ہے اوراس کے اجزا کسی مختصر کہانی کو موثر بنانے کے لئے کیوں ضروری ہیں؟
نسیم سید
ایک بار یاد دہانی کر ا دوں دوستو کہ حمید شاہد صاحب کی گفتگو کے دوران کو ئی سوال نہ کریں۔
سید ضیاالدین نعیم
السلام علیکم۔ احباب گرامی
نسیم سید
نہ ہی اسوقت کسی کو خوش آمدید کہا جائے۔ 
حمید شاہد صاحب بھی بجلی کی بے مروتی کا شکار ہیں، موبا ئل سے جواب دے رہے ہیں شا ید اس لیے دوست ان کے جوا ب کا انتظار کریں
خو ش آ مدید ضیا صاحب
محمد حمید شاہد
سلمی جیلانی صاحبہ، آپ نے بہت اہم سوال کیا۔ 
میری گزارش ہو گی احباب سے کہ اس باب میں مجھے ذرا ڈھنگ سے بات کرنے کا موقع دیں گے۔ 
نسیم سید
اور اگر حمید شاہد صاحب کی سیل کی بیٹری ختم ہو گئی پھر کیا کریں گے
محمد حمید شاہد
محترمہ سلمیٰ جیلانی صاحبہ،  میں افسانہ لکھتے ہوئے،  ساری تھیوریوں سے منہ موڑ لیا کرتا ہوں۔ تاہم اس باب میں مجھے کچھ تفصیل میں جانا پڑے گا۔ مجھے یاد ہے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی،اسلام آباد کی دعویٰ اکیڈمی کے زیر اہتمام نوجوان قلم کاروں کی ایک ورکشاپ 2008 میں مجھے کہا گیا کہ یہ نوجوان افسانہ لکھنا چاہتے ہیں،  انہیں اس کے گر بتاؤں ؛ وہاں جو میں نے بات کی،  ذرا یہ تفصیلی ہے مگر دہرا رہا ہوں کہ اسی میں آپ کے سوال کا جواب پوشیدہ ہے : 
سلمی جیلانی صاحبہ، سب سے پہلے تو میں نے یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے مجھے نوجوان افسانہ نگاروںسے مخاطب ہونے کا موقع دیا تھا اور بتایا ؛ یہ تجربہ بہت پر لطف اور دل خوش کن ہے کہ نوجوان، جن کی دل چسپی اور تفریح کے لیے مارکیٹ اکانومی کو فروغ دینے والوں نے سو طرح کے جال پھیلا رکھے ہیں، وہ افسانہ پڑھنے اور لکھنے جیسی خالص تہذیبی اور تخلیقی سرگرمی میں دل چسپی رکھتے ہیں۔ پھر نوجوانوں سے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ آپ سب لکھنے کی طرف راغب ہیں اور چاہتے ہیں کہ افسانہ جیسی بھید بھری صنف کے اجزائے ترکیبی جان سکیں اور سمجھ سکیں کہ افسانہ لکھنے کے کیا تقاضے ہیں۔ تو یوں ہے کہ سب سے پہلے یہ جان لیجئے کہ افسانہ نگاری ایک تخلیقی عمل ہے۔ یہ راز کی بات گرہ میں باندھنے کے لائق ہے کہ یہ صنف صرف انہی قلم کاروں کو اپنے قریب پھٹکنے دیتی ہے جو لکھنے کو مشقت نہ سمجھتے ہوں اور جن کے دل اس صنف کی محبت کے فیضان سے سرشار ہوں۔ یہی بے لوث اور بے ریا محبت، افسانہ لکھنے والوں کا مزاج بناتی ہے، اور رفتہ رفتہ اس صنف کے ان غیر معمولی بھید بھنوروں کو کھول دیا کرتی ہے جنہیں کسی ورکشاپ میں سیکھا ہی نہیں جاسکتا۔ لیکن یہاں بات سیکھنے سیکھانے کی ہو رہی ہے تو مجھے یہ وضاحت کرنی پڑ رہی ہے کہ افسانہ لکھنا، تیکنیکی نہیں بل کہ تخلیقی سرگرمی ہے۔ ہنر کوئی سا بھی ہو جب اسے سیکھنے کے لیے مسلسل محنت اور ریاضت کی جائے تو ایک وقت ایسا آ ہی جاتا ہے کہ جب سیکھنے والے میں اسے ڈھنگ سے دہرائے چلے جانے کی استعداد پیدا ہو جاتی ہے۔ ادبی تخلیق اور بہ طور خاص افسانے کا معاملہ بالکل الگ ہے اگر کسی کے اندر اسے لکھنے اور اس کے ذریعے زندگی کی تفہیم کی لگن نہیں ہے تو ممکن ہے کہ وہ اپنے ریاض کے ذریعے کرافٹ پر قدرت پالے اور یک سطحی کہانیوں کا ڈھیر لگا لے، ادبی فن پارے تخلیق کرنا اس کے لیے ناممکن نہیں تو بہت مشکل ضرور ہو جاتا ہے۔ میں ایسے بہت سے قلم کاروں سے آگاہ ہوں جن کی شروع کی کارکردگی بہت عمدہ تھی مگر چوں کہ انہیں اس صنف کی لگن ودیعت نہ ہوئی تھی لہذا وہ بہت جلد ادھر سے اکتادوسری نوع کی تحریریں لکھنے کی طرف مائل ہو گئے یا پھر انہوں نے اپنے افسانوں کو بھی نظمیں یا انشائیے بنا لیا۔ 
(جاری)
نسیم سید
‎:)))
محمد حمید شاہد
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بے شک یہ تخلیقی صنف ہے مگر اس کے کچھ تیکنیکی وسیلے بھی تو ہوں گے؟ اور اس کا جواب میرے نزدیک یہ ہے کہ یہ جو میں نے کرافٹ کو تخلیقی عمل سے الگ کر کے دکھایا ہے تو بتاتا چلوں کہ میں کرافٹ کو غیر اہم نہیں سمجھتا ہوں۔ تا ہم میں اسے بنیادی جزو کی بہ جائے ایسے اجزاء میں شمار کرتا ہوں جو افسانے کے باب میں دوسرے درجے میں آتے ہیں۔ کرافٹ کا تعلق دستی مہارت اور تدبیر سے ہوتا ہے۔ اسی تدبیر میں کچھ چالاکی، تھوڑی سی ہوشیاری حتی کہ چٹکی بھر مکاری بھی شامل ہو جاتی ہے۔ تخلیق، تجربے، مشاہدے،احساس، تخیل اور لاشعور سے ایک ساتھ معاملہ کرتی ہے۔ اس میں بنانے اور ڈھالنے کے نہیں بل کہ پیدا کرنے اور عدم سے وجود میں لانے کے معنی پائے جاتے ہیں۔ تخلیقی عمل اور کرافٹنگ کے درمیان بعض اوقات تفریق مشکل ہو جاتی ہے تاہم ایک لکھنے والے کو یہ جان لینا ہو گا کہ دونوں کا اثر افسانہ کے مواد،زبان اور کہانی کے مزاج میں بہت گہرائی تک سرایت کر جاتا ہے۔ جس شخص کے اپنے مزاج میں تخلیقیت کا فقدان ہو، اس کے مزاج میں تخلیقیت کو ٹپکانے میں کوئی اور حیلہ بہ مشکل ہی کوئی مثبت کردار ادا کر سکتا ہے-
میں اس طرح کی باتیں کر کے نئے افسانہ نگاروں کے حوصلے توڑنا نہیں چاہتا تھا کہ وہ افسانہ لکھنے کا ہنر سیکھنے کے لیے ملک کے دور دراز شہروں سے جمع ہوئے تھے مگر مجھے صاف صاف بات کرنا تھی۔ میں پہلے ان کی صلاحیتوں کی بابت نیک گمان باندھ چکا تھا اور یقین دلا چکا تھا کہ میں ان کی لگن کی قدر کرتا تھا اور یہ کہ اگر انہیں تخلیقی تجربے سے وابستگی مادی وسائل کی بڑھوتری والی سرگرمیوں سے بڑھ کر لگتی تھی تو انہیں میری باتوں سے دِل برداشتہ نہیں ہونا چاہیے اور امید رکھنی چاہیے کہ وہ بہت جلد ایسا افسانہ تخلیق کرنے میں ضرور کامیاب ہو جائیں گے جس کے تخلیق ہوتے ہی ان کی روح سرشار ہو جائے گی۔
(جاری)
محمد حمید شاہد
لیجئے ہم نے فرض کر لیا کہ آپ سب کا مزاج اس صنف سے ہم آہنگ ہے اور اس کے تخلیقی تجربے سے لگن بھی آپ کو ودیعت ہو چکی ہے۔ یہ سب کچھ فرض کر لینے کے بعد حتیٰ کہ اس کا یقین کر لینے کے بعد بھی ایک خدشہ دامن گیر رہے گا جس کا اظہار اسی ابتدائی مرحلے پر مناسب رہے گا۔ جی افسانے کی صنف سے ہم آہنگ یہ مزاج اپنی جگہ قدرت کا بہت بڑا انعام سہی مگر یہ اس وقت تک تخلیقی عمل میں معاون نہیں بنے گا جب تک اسے مسلسل مطالعے وسیع مشاہدے ( ایک اور میم) لکھنے، لکھ کر کاٹ دینے اور ناکام تحریروں سے دامن کشاں ہو کر ہر بار نیا لکھنے کی تاہنگ سے وابستہ رہ کر تازہ نہ رکھا جائے گا۔پڑھنا ہی لکھنے کی بنیاد ہوتا ہے۔ صرف دنیا بھر کے افسانے پڑھنا ہی کافی نہیں ہے ان علوم کو ضرورت کی حد تک پڑھنا بھی ضروری ہے جنہیں ان افسانوں میں برتا گیا ہوتا ہے۔ بار بار پڑھنا اور افسانوں کا اپنے تئیں تجزیہ کرنا کہ فن پارے میں کردار کس طرح کام کر رہے ہیں پلاٹ کیا ہے اور ماحول کس طرح بنتا ہے،زبان کس طرح کی ہے، وقت کو کس طرح برتا گیا ہے اور اسے برتتے ہوئے وقت سے کون سا زمانہ اجالا گیا ہے۔ اس طرح کی بہت سی چیزیں ہیں کہ جب کوئی افسانہ توجہ سے پڑھا جائے گا تو وہ ایک لکھنے والے کو چپکے سے سجھا دے گا۔ باریک بینی سے سارے عمل کا تجزیہ لکھنے والے کے اندر کسی متن کو ایک سے زیادہ طریقوں سے ترتیب دے سکنے کا اعتماد بھی پیدا کرتا ہے۔
اوپر ہم مشاہدہ کا ذکر کر آئے،  اس باب میں مزید یہ کہنا ہے کہ ایک زندگی تو وہ ہوتی ہے جو آپ کے براہ راست تجربے میں آتی ہے۔ خود آپ پر گزر رہی ہوتی ہے۔ یا پھر آپ کے انتہائی قریبی ایسے لوگوں پر گزر رہی ہوتی ہے جن کی زندگی کسی نہ کسی حوالے سے آپ کی زندگی سے جڑی ہوئی ہوتی ہے۔ آپ کا اپنا گھر ہے،اس میں رہنے والے افراد ہیں، ان افراد کے اپنے اپنے حسی اور جذباتی علاقے ہیں، ان سب کا ماضی ہے اوراس ماضی سے وابستہ کہانیاں ہیں۔ اپنے خاندان کے علاوہ آپ ایک محلے میں رہتے ہیں ایک اسکول، کالج یا یونیورسٹی میں پڑھتے ہیں۔ آپ سفر کرتے ہیں، لوگوں سے ملتے ہیں، یوں آپ کی شخصیت کی تعمیر میں بہت ساری شخصیات حصہ لے رہی ہوتی ہیں۔ شخصیت سازی کے اس عمل میں ایک تخلیقی مزاج رکھنے والا شخص ایک اور طرح کا کام بھی کر رہا ہوتا ہے وہ ان ساری شخصیات کا زائچہ بنا کر اپنے لاشعور کے دفتر کے حوالے کرتا چلا جاتا ہے۔ غیر تخلیقی آدمی کا لاشعور ٹھس ہوتا ہے ایسی بنجر زمین کی طرح جو اصل بیج کو بھی اپنے اندر دبا کر مار دیا کرتی ہے۔ مگر تخلیقی آدمی اسی تجربے اور مشاہدے کے اجزاء کو باہم ضرب دیتا چلا جاتا اور اس سے زندگی کی تخلیق نو کا اہتمام کرتا ہے۔ زندگی کو سطح سے دیکھنا، معاملات کو سرسری لینا،سانحات کو وقت گزرنے پر اپنی شخصیت سے منہا کر دینا، ایسے افراد کا وتیرہ نہیں ہوا کرتا جو تخلیقی عمل سے جڑنا چاہتے ہیں۔ 
(جاری)
محمد حمید شاہد
دیکھا جائے تو تجربے، مطالعے اور مشاہدے کا جوہر ہی کسی مہربان لمحے میں کسی افسانے کا آغاز بنا کرتا ہے۔ میں اس جوہر کو ایسا وجود حقیقی قرار دیتا ہے ہوں جو کسی نہ کسی بالائی درجے میں مطلق حقیقت کا جزو ہو کر عمل خیر کا ایک رنگ ہو جاتا ہے۔ یہی سبب ہے کہ تخلیقی عمل کو دوسرے معنوں میں خیر سے جڑنا قرار دیا گیا ہے۔ تجربے،مطالعے اور مشاہدے کا یہ جوہر کسی بھی افسانے کی غایت استواری بنتے سمے ہی کہانی کا مزاج اور اس کے دائرہ عمل کو بھی متعین کر دیا کرتا ہے۔ یوں دیکھا جائے تو ایک بیج کی طرح تخلیقی عمل کو آغاز دینے والے جوہر میں اتنی قوت ہوتی ہے کہ وہ لکھنے والے کو اس کے عمومی چلن سے برگشتہ کر کے اس افسانے کے لیے خاص تخلیقی عمل سے وابستہ آہنگ سے جوڑ دے۔
جی،  محترمہ سلمیٰ جیلانی صاحبہ،  میں نے ہر افسانے کے لیے الگ آہنگ کی بات کی ہے اور میں ان لوگوں میں سے نہیں ہوں جو اس جادوئی صنف کے اجزائے ترکیبی الگ الگ کر کے دکھانے کا دعویٰ رکھتے ہیں۔ میں تو اس باب میں تخمینے ہی لگا سکتا ہے۔ اور جوں ہی ایک افسانے کی بابت تخمینہ لگانے کے بعد کسی دوسرے افسانے کو پڑھتا ہوں تو پہلے والے تخمینے کے اجزاء اور ان کی ترکیب میں کمی بیشی کرنا پڑتی ہے۔ میں اس مرحلے پر سب کو چوکنا کر دینا چاہتا ہوں کہ افسانے کے اجزائے ترکیبی سیکھنے کی حد تک بہت اہم ہیں اور یہ مشغلہ ہے بھی خوب۔ وہ لوگ جو ابھی افسانہ لکھنے کے تجربے سے گزرنے کی تیاری کے مرحلے میں ہیں،  ان کا یوں جاننا کسی حد تک ان کے اندر اعتماد بھی پیدا کر دے گا۔ تاہم ایک ایسے شخص کے لیے جو افسانہ لکھنے کی نیت باندھ کر سامنے کورا کاغذ دھرے بیٹھا ہے یا وہ" کی بورڈ" پر بیٹھا پہلا جملہ لکھنا چاہتا ہو،اس کے لیے اہم یہی ہے کہ وہ سب کچھ بھول جائے۔ وہ جو میں بتا چکا ہوں اور وہ بھی جو میں آگے چل کر بتانے والا ہوں کہ ہر نیا افسانہ ان اجزائے ترکیبی کے حوالے سے نئے فیصلے صادر کیا کرتا ہے۔ 
(جاری)
محمد حمید شاہد
اچھا ابھی ہمیں یہ طے کرنا ہے کہ افسانہ کیا ہے ؟ افسانہ کا لفظ حقیقت کے متضاد کے طور پر رواج پا گیا ہے۔ دیکھا جائے تو یہ دونوں لفظ جس مفہوم میں لغت سے برآمد ہوتے ہیں، اپنے اصطلاحی معنوں میں ویسے ہیں نہیں۔ میں نے جب جب افسانہ کو ایک ادبی صنف کے طور پر دیکھا ہے مجھے یہ صنف حقیقت کو اپنے اندر سموتی اور جذب کرتی نظر آئی ہے۔ ایسے میں آپ یہ کیوں کر کہہ سکتے ہیں کہ حقیقت، جو افسانے کا جزو ہے اس کی ضد بھی ہے۔ اضداد کا قیام ہی فصل اور تقابل سے بنتا ہے جب کہ یہاں معاملہ یہ ہے کہ حقیقت جزو ہو کرافسانے میں جذب ہو رہی ہے۔ حقیقت اور افسانے کے باب میں ہم جب تک ڈھنگ سے سوچنے کے قابل نہیں ہو جاتے، ناقص فیصلے دیتے رہیں گے۔ ایسے میں اس صنف کے عناصر کو ڈھنگ سے شناخت کرنا اور ان کی کارکردگی کو سمجھنا بھی ممکن نہیں رہے گا۔
ایک لمحے کے لیے یوں کرتے ہیں کہ افسانہ کو ایک تصوراتی زندگی کا نقشہ سمجھنے کی بجائے زندگی کی تخلیق نو قرار دیتے ہیں۔ ایسی زندگی جو پرکھی ہوئی اور برتی ہوئی زندگی کے بیان تک محدود نہیں رہتی، ایک نئی ترکیب میں زندگی کو تخلیق کرتی ہے اور ان علاقوں کو بھی اس کا حصہ بنا دیتی ہے جو ہمارے علم اور تجربے میں نہ آسکے تھے۔ اگر ایسا ہے اور یقیناً تخلیقی تجربے سے ایسا ممکن ہو جاتا ہے تو یہ ماننا پڑے گا کہ افسانے کا سچ عام زندگی کے تجربے میں آنے والے سچ سے کہیں بڑا سچ ہوتا ہے۔ کسی فن کار کا تخلیقی وجدان اور کائنات کی کل کو اپنی بانہوں میں بھر لینے والا تصور، جب کسی افسانے میں،تجربے میں آنے والی جزوی حقیقت پر اکتفا کرنے سے انکار کر دیتا ہے تو ایسے میں لازم ٹھہرتا ہے کہ حقیقت کے اس خام تصور کو بھی لائق اعتنا نہ سمجھا جائے جس میں برتی ہوئی باسی زندگی اور اس کے مظاہر ہی کو حقیقت تسلیم کر لیا جاتا ہے۔ 
افسانے کے اجزائے ترکیبی کیا ہیں؟ یہ وہ سوال تھا جو میرے سامنے رکھا گیا تھا مگر ابھی تک اپنی جگہ ویسے کا ویسا قائم ہے حالاں کہ اب تک ہم یہ آنک چکے ہیں کہ افسانہ لکھنے کے لیے
۱۔ تخلیقی مزاج رکھنے والا فن کار درکار ہوتا ہے۔ 
۲۔ تخلیقی مزاج رکھنے والے اس فن کار کو مشاہدے، مطالعے اور ریاض کے مراحل سے گزر کر لکھنے کی طرف راغب ہونا ہو گا۔
۳۔تخلیقی عمل کے شروع ہوتے ہی، بنے بنائے سانچوں کو اگر توڑنا پڑے تو ایسا کرنے کا تخلیق کار میں حوصلہ ہو گا۔
۴۔ لکھنے والے کو افسانہ اور حقیقت کے بارے میں اپنے عمومی تصور کو جھٹکنا ہو گا۔
(جاری)
سلمیٰ جیلانی
نہایت پر مغز گفتگو
اس کا مطلب ہے کہ تخلیقی صلاحیت خدا داد ہوتی ہے اس کو کرافٹ کے ذریعے نکھارا جا سکتا ہے لیکن اس کے سہارے اچھا افسانہ تخلیق نہیں کیا جاسکتا۔
محمد حمید شاہد
 اوپر بیان کی گئی صورتیں، افسانے کے اجزائے ترکیبی والے باب کی تمہید بن سکتی ہیں اور اسی تمہیدی حصے میں گفتگو کے اس دوسرے مرحلے کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے جو میں اب کرنے جا رہا ہوں۔
جی،  میں گفتگو کے اس مرحلے پر زندگی کے عمومی سچ اور افسانے کے سچ کے درمیان وقوع پذیر ہونے والے اس علاقے کی نشان دہی کرنا چاہتا ہوں جس میں کسی افسانے اور اس کے قاری کے درمیان ایک خالص اعتماد کا رشتہ استوار ہو جایا کرتا ہے۔ قاری کے اس رشتے کی نوعیت اس رشتے سے یکسر مختلف ہوتی ہے جو ایک نظم اور اس کے قاری کے درمیان بنتا ہے۔ آپ اس رشتے کو ایک اور انتہا پر اس وقت دیکھ سکتے ہیں کہ جب یہی قاری ایک غیر ادبی متن کا مطالعہ کر رہا ہوتا ہے۔ یہ بات گرہ میں باندھ لیں کہ یہ افسانے کی عطا ہے کہ یہ اپنے لکھنے والے اور پڑھنے والے، دونوں کو ان کی اپنی زندگیوں سے ایک ہی لمحے میں جوڑتی بھی ہے اور اس سے آگے گزر کر ایک نئی زندگی کے تجربے سے گزارتی بھی ہے۔ غیر ادبی متن کا مطالعہ،  چاہے وہ چونکا دینے والی خبر جیسا ہو یا ایک قانونی دستاویز جیسا، ایک یادداشت ہو یا واقعات کا تسلسل، ایسے سارے متون قاری کی اپنی زندگی کے گودے سے وہ رشتہ استوار نہیں کر پاتے جو افسانہ کرتا ہے۔ 
ایک نظم کا رشتہ اگرچہ افسانے کی طرح قاری کے باطن میں قائم ہوتا ہے مگر اس کی صورت بھی زندگی کی ازسر تعمیر جیسی نہیں ہوتی۔ اس میں سے تصور اور احساس کا شدید دھارا بہت کچھ منہا کر دیا کرتا ہے۔
یہاں میں افسانے کے اس تخلیقی جوہر کی بات کر رہا ہوں جس میں جذبات کو سطح پر نہیں برتا جاتا۔ جذبات کو سطح تک اچھال دینا تو شاعری کا وتیرہ ہوا کرتا ہے۔ افسانہ ہمیں سکھاتا ہے کہ تجسس ہو یا ڈرامہ، تنازع ہو یا تصادم، جذبے کو بہت گہرائی میں بہنا اور چپکے سے قاری کے احساس کا حصہ ہو جانا ہو گا، کچھ اس طرح کہ یہ احساس،  اس کے اپنے جذبات کو ایک جہت دینے کا جواز بن سکے۔ مناسب یہی ہوتا ہے کہ کہ افسانے کا متن قاری کو کہنیاں مار مار کر ایک طرف دھکیلتا نظر نہ آئے۔ اس کے خیالات کو بدلنے کے لیے نصیحتیں نہ شروع کر دے۔ قاری کی انا کو ٹھیس نہ پہنچائے اور اسے یہ طعنے بھی نہ دے کہ وہ غلط فیصلے کیے بیٹھا ہے۔ اسے اپنا کام اندر ہی اندر اور چپکے چپکے کرنا ہوتا ہے۔ دیکھا جائے توافسانے کو یہ کام اپنے پہلے ہی جملے سے ہی انجام دینے کیے تیار رہنا ہوتا ہے یہ احساس دلائے بغیر کہ قاری کے حسی علاقوں کو مفتوح کرنے کے لیے وہ چوکس ہے۔ 
(جاری)
محمد حمید شاہد
جی سلمی صاحبہ، 
اب کچھ پہلے جملے کے حوالے سے۔ میرے نزدیک افسانے کی تخلیق میں اور اس کے مزاج کو متعین کرنے میں پہلا جملہ بہت اہم ہوتا ہے۔ جدید زمانے تک آتے آتے افسانے کا آغاز اس کے انجام کی طرح اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ ایک زمانہ تھا کہ سیدھے اورسپاٹ جملے سے کہانی کو آغاز دے لیا جاتا، یوں کہ بالعموم پہلے ہی جملے سے کہانی کے زمان و مکان کا تعین ہو جاتا۔"ایک تھا بادشاہ، ہمارا تمہارا خدا بادشاہ"یا پھر "ایک دفعہ کا ذکر ہے" جیسے جملوں سے آغاز پانے والی ان کہانیوں میں وقت بھی ایک ہی دھج اور ایک ترتیب سے چلتا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ افسانہ لکھنے والوں نے بھی نئے نئے ڈھنگ ایجاد کر لیے ہیں۔ اب تو ہر نیا افسانہ احساس کی سطحوں پر نئے وقت کا ردّا چڑھانے کے لیے نیا پن لے کر آتا ہے۔
اب یہ ضروری نہیں رہا کہ کہانی میں واقعہ کی جو ترتیب بنتی ہے اسے افسانے میں عین مین ویسا ہی رکھا جائے۔ افسانے کے اندر کہانی میں واقعات کی اکائیاں ٹکڑے ٹکڑے ہو کر اپنی ترتیب بدل لیتی ہیں اور اس بدلی ہوئی ترتیب سے اصل تنازع کے اندر تناؤ پیدا کیا جاتا ہے۔ کچھ لکھنے والے اس تناؤ کے وسطی علاقے سے جڑی ہوئی کیفیت سے جملہ بناتے اور اسے آغاز میں رکھ لیتے ہیں۔ کچھ لکھنے والے اس تناؤ کو معدوم ہونے دیتے ہیں اور لگ بھگ جہاں کہانی ایک نئی کیفیت میں داخل ہوتی ہے وہاں سے کہانی کو آغاز دے کر واپس پلٹتے ہیں اور یوں اپنی کہانی میں دل چسپی بڑھانے کا ساماں کیے چلے جاتے ہیں۔ 
افسانہ جہاں سے بھی آغاز پائے اس کا اہتمام کیا جاتا ہے کہ پہلا جملہ قاری کو متوجہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ اور اگر پہلا جملہ سادہ ہو تو افتتاحی پیرا گراف کی ساخت میں یہ قرینہ رکھ لیا جاتا ہے کہ معنی کا بہاؤ قاری کو اپنے ساتھ لے کر چلے۔ یاد رکھیے کہ کم زور اور ڈھیلا ڈھالا آغاز اچھی بھلی کہانی سے قاری کو برگشتہ کر سکتا ہے اور چست آغاز کم زور کہانی میں بھی قاری کی دل چسپی کو بڑھا سکتا ہے۔
کیوں نہ یہیں ہم افسانے کے اختتامی حصہ کے حوالے سے بھی ایک ڈیڑھ بات کر لیں کہ افسانے کے آغاز کی طرح اس کی کامیابی اور ناکامی کے باب میں اس کے اختتامی حصے کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ یہ بات ذہن میں حاضر رہنی چاہیے کہ قاری جیسے تیسے افسانہ پڑھنا شروع کر دے تو اس کا کم زور آغاز بھول سکتا ہے مگر کہانی کا کم زور انجام اس کی یادداشت سے کبھی محو نہ ہو گا۔
ابھی ابھی میں کہہ رہا تھا کہ افسانہ کہیں سے بھی آغاز پا سکتا ہے، اس میں اس بات کا اضافہ کر لیجئے کہ افسانہ نگار کو یہ قرینہ سیکھنا ہو گا کہ وہ اس آغاز کو، کہ جسے افسانے میں التوا میں ڈال دیا گیا ہوتا ہے، آگے چل کر کہانی کے وسط یا پھر اختتامی حصے میں کہانی کے بہاؤ کے اندر جوڑ دے، یوں کہ یہ جوڑ الگ سے دکھائی نہ دے۔ اس باب میں یہ احتیاط لازم ہو جاتی ہے کہ کہانی کا یہ آغاز افسانے کے اندر رخنہ بن کر بھی ظاہر نہ ہو۔
(جاری)
سلمیٰ جیلانی
کیا ہی گہری بات کی شاہد صاحب آپ نے کہ
"افسانہ ہمیں سکھاتا ہے کہ تجسس ہو یا ڈرامہ، تنازع ہو یا تصادم، جذبے کو بہت گہرائی میں بہنا اور چپکے سے قاری کے احساس کا حصہ ہو جانا ہو گا، کچھ اس طرح کہ یہ احساس،  اس کے اپنے جذبات کو ایک جہت دینے کا جواز بن سکے"
سعود عثمانی
بہت جامع اور مدلل گفتگو ہے حمید شاہد صاحب کی۔ بار بار پڑھنے اور استفادہ کرنے کے لائق جوابات ہیں۔
نسیم سید
تین میم تھیوری کے حوا لے سے سلمٰی جیلانی کے اہم ترین سوال کا جواب حمید شاہد صاحب نے جس تفصیل سے دیا اور جس طرح دیا اس کے لئے کسی لا جوا ب شعر کے لئے جیسے بے ساختہ دل سے واہ نکلتی ہے وہی کیفیت ہے اس وقت، یہ ایک بیحد معلوماتی گفتگو ہے جو کہ محفوظ کر لینے کے لائق۔ ۔ موقع نہیں ہے ورنہ اس جوا ب کے کوٹیشنز پیش کر کے با ر با ر سب مل کے جھومتے ان جوا با ت پر۔ حمید شاہد صاحب کی تحریر کی خو بی بیان کی سا دگی ہے۔
ابھی حمید شاہد کا جواب جا ری ہے۔   دوستو ہم ان کی با ت مکمل ہو انتظار نے کا انتظار کر تے ہیں۔
سید ضیاالدین نعیم
واہ کیا خوبصورت گفتگو ہے
محمد حمید شاہد
بات اختتامیہ کی ہو رہی تھی اور مجھے یہاں یہ کہنا ہے کہ افسانے کا اختتام ضروری نہیں ہے کہ تنازع کے تناؤ کے نزول کا لازماً آخری کنارہ ہو۔ تاہم یہ ضروری ہے کہ کہانی اس سے آگے ایک بھی جملہ نہیں بڑھنی چاہئے۔ کچھ لوگ کہانی کے آخر میں نتیجہ سمجھانے کے جتن کرنے لگتے ہیں یا پھر انہیں اپنی کہانی پر اعتماد نہیں ہوتا اور اس خوف میں مبتلا ہوتے ہیں کہ بات مبہم رہ گئی ہے، لہذا وضاحتیں کرنے لگتے ہیں۔ ایسے لوگ افسانے کا سارا لطف غارت کر دیا کرتے ہیں۔ افسانہ لکھنے والے کو قاری سے معاملہ متن کی باطنی سطح پر کرنا ہوتا ہے۔ قاری کی حسیات کو متنبہ کیے بغیر ایک رخ کی جانب اشارہ کر دینے سے معنوی سطح پر کچھ زیادہ گنجائش پیدا ہو جاتی ہے کہ اس حیلے سے قاری جس نتیجے پر پہنچتا ہے وہ افسانہ نگار سے زیادہ فاصلے پر نہیں ہوتا۔ دیکھا گیا ہے کہ افسانہ نگار کے اس قرینے سے قاری اس دھند جیسی کیفیت سے اپنے تخیل کو وابستہ کر لیتا ہے اور اس میں سے برآمد ہونے والے نتیجے کو اپنی کوشش خیال کر کے زیادہ لطف لیتا ہے۔ یاد رہے بہت کھلا، ننگا اور فوری طور پر مطمئن کر دینے والا انجام افسانے کے حق میں ہمیشہ اچھا ثابت نہیں ہوتا۔ بالعموم ایسے افسانے بہت جلد قاری کے ذہن سے اتر جایا کرتے ہیں جو اسے کچھ دیر کے لیے سوچنے پر نہیں اکساتے یا پھر اس کی حسیات پر چرکے نہیں لگاتے۔ کھلے انجام کے مقابلے میں ذرا دھندلے انجام والا افسانہ قاری کو گہرا جمالیاتی حظ اٹھانے کا موقع فراہم کیا کرتا ہے۔
محترمہ سلمیٰ جیلانی صاحبہ،  یہیں مناسب ہو گا کہ ہم افسانہ اور کہانی کے درمیان ایک لکیر کھینچ لیں۔ میں اپنی ساری گفت گو میں افسانے اور کہانی کو الگ الگ مفہوم میں استعمال کرتا آیا ہوں۔ ممکن ہے آپ کے ذہنوں میں اس حوالے سے کوئی الجھن ہو۔ یہاں وضاحت کرتا چلوں کہ ہمارے ہاں کہانی کو عام طور پر افسانے کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ دیکھا جائے تو ادبی سطح پر افسانہ بھی ایک کہانی ہی ہوتا ہے۔ لیکن چوں کہ یہاں گفت گو تیکنیکی ہو رہی ہے تو فکشن کے حوالے سے اس فرق کو جاننا ضروری ہو جاتا ہے۔ فکشن کے ایک فن پارے میں، چاہے وہ افسانہ ہو یا ناول کہانی ایک جزو کے طور پر موجود رہتی ہے۔ یوں آپ کہہ سکتے ہیں کہ کہانی تو افسانے کا حصہ ہوتی ہے افسانہ کہانی کا حصہ نہیں ہوتا۔ کہانی کے ساتھ وہ اجزاء جن کا ہم اوپر ذکر کر آئے ہیں یا وہ عناصر جن کو ہم آگے چل کر شناخت کریں گے(سب یا ان میں سے چند ) ایک تناسب میں آ کر ہی افسانہ بنا پاتے ہیں۔ تو یوں ہے کہ میں اس گفت گو میں شعوری طور پر کہانی کو افسانے کے متبادل کے طور پر استعمال کرنے سے مجتنب رہا ہوں اور باقی ماندہ گفت گو میں بھی اس سے اجتناب کروں گا۔ اس ساری گفت گو میں کہانی،افسانے کے اندر واقعات کی ترتیب سے بننے والے جزو کے طور پر ہی آئے گی۔
(جاری: مجھے افسوس ہے کہ بات طویل ہو رہی ہے، مگر اس کے بغیر بات مکمل ہو گی نہیں )
نسیم سید
نوید آپ سے درخواست ہے کہ اگر بلا نہ آ سکیں تو جب میں درخواست کروں تو آپ بلا ل کا سوال یہاں پو سٹ کر دیں۔
سعود عثمانی
واہ واہ۔ کیا کمال گفتگو کی ہے آپ نے حمید شاہد صاحب۔ جا بجا ایسے جملے موجود ہیں جو نقل کیے جانے چاہییں
نسیم سید
اور سعود صاحب آپ سے در خواست ہے کہ اگر اسد ضیا صاحب نہ آ سکیں تو آپ اسد صاحب کا سوا ل میری درخواست پر پوسٹ کر دیجئے گا
عظمٰی سلیم
اس گفتگو کی طوالت ہر گز نہیں کھل رہی۔کیونکہ یہ صرف مکالمہ ہی نہیں، افسانے کی ایک پوری ورکشاپ کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔
سعود عثمانی
جی نسیم میں اسد ضیا صاحب کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کا سوال پیش کرتا ہوں
نسیم سید
جب تک حمید شاہد صاحب جوا ب لکھ رہے ہیں میں بتا تی چلوں کہ سوا لا ت کا سلسلہ جب پینل ختم کرے گا تو ہم فلو ر اوپن کریں گے اور ہما رے محترم ممبران سوا ل کر سکتے ہیں
سعود عثمانی
اسد ضیا کا سوال ہے:
--- کیا آپ کے خیال میں ترقی پسند تحریک نے اردو ادب میں کسی مثبت رجحان کو بھی جنم دیا ؟
 اور اگر منفی اثرات مرتب کیے تو کیوں کر۔ ذرا وضاحت سے بیان فرمایئے گا
سید ضیاالدین نعیم
شیریں تر از حکایت : ما   نیست قصہ۔۔
سلمیٰ جیلانی
آپ کی اتنی عمدہ گفتگو سے ہم سب لطف اندوز ہو رہے ہیں اور بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے طوالت کی پرواہ کے بغیر اسے جاری رکھیے پلیز
محمد حمید شاہد
شکریہ احباب کہ آپ کی توجہ مجھے حاصل ہے۔ ۔ میں اسد ضیا کا سوال اپنی بات مکمل ہونے کے بعد لیتا ہوں۔ 
میں اس سوال کی طرف آتا ہوں کہ افسانے کی کہانی میں واقعہ کیسے قائم ہوتا ہے ؟ میں اس بابت غور کرتا ہوں تو اس نتیجے پر پہنچتا ہوں کہ وقت کے کسی دورانیے میں ایک متعین سمت میں حرکت،یہاں تک کہ اس حرکت کی سمت بدل جائے ایک واقعہ کہلائے گا۔ دوسرا واقعہ رخ بدل چکنے کے بعد سے ماپا جائے گا۔ گویا دوسرے لفظوں میں کہانی میں واقعہ ایک کیفیت، صورتحال یا احساس کے دوسری صورت حال کیفیت یا احساس میں ڈھلنے سے متشکل ہوتا ہے۔ میں نے اپنی کسی اور گفت گو میں کہا تھا کہ کوئی بھی واقعہ خبر بن کر ایک اخبار میں چھپنے سے پہلے اُس تخلیقی عمل سے دوچار نہیں ہوتا جس کا اِمکان فکشن کے اندر ہوتا ہے۔ یہاں اِمکان کا لفظ جان بوجھ کر اِستعمال کیا گیا ہے اور اِس کا سبب یہ ہے کہ ایک خبر عین مین ایک مکمل کہانی ہوسکتی ہے یا پھر اسی خبر کو کہانی کا جزو بھی بنایا جا سکتا ہے لیکن افسانے کی مجموعی فضا میں اُس کی جُون بدل جاتی ہے۔ یہاں پہنچتے ہی خبر کی طرح ضبط تحریر میں لایا گیا واقعہ وقت اور حقیقت کو حصار میں لے لیتا ہے۔ یوں افسانے میں پہنچتے ہی باہم جڑ کر کہانی بننے والے واقعات بظاہر عام سے واقعات ہو کر بھی عام نہیں رہتے ان کی کیمسٹری بدل جاتی ہے۔ اگر کوشش کر کے واقعہ کے خام اور عمومی تصور سے دَامن بچا لیا جائے تو سہولت سے اُس وقت اور واقعے کو بھی گرفت میں لیا جاسکتا ہے جو اَپنے خارج میں تو ٹھہرا ہوا ہوتا ہے مگر باطنی ترکیب اور ترتیب میں حرکی ہوتا ہے۔
افسانے میں تحرک کا احساس اور معنیاتی نظام سے پیوستہ بیانیے کی رفتار بھی بہت اہمیت رکھتی ہے۔ ہم اسے نشان زد کر چکے ہیں کہ واقعات کا بہاؤ کہانی میں تحرک پیدا کرتا ہے اور ہم یہ بھی طے کر چکے ہیں کہ خیال اور احساس کے ایک کیفیت سے دوسری کیفیت میں ڈھلنے سے بھی واقعہ متشکل ہو سکتا ہے۔ اب ہم یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ اس متحرک بیانیے /متن کی رفتار کو تیز یا مدھم کیسے کیا جاسکتا ہے۔ آپ نے یقیناً کئی افسانے پڑھ رکھے ہیں اور ان افسانوں کو یاد کر کے آپ بہ سہولت آنک سکتی ہیں کہ ان میں سے تو کچھ ایسے تھے جنہیں بہت اچھی طرح لکھا گیا تھا۔ انہیں ان کی زبان و بیان سے جدا کر کے پوری طرح دہرایا نہیں جاسکتا۔ دہراتے ہوئے کچھ نہ کچھ ان کہا رہ جاتا ہے۔ تاہم ان کی تاثیر بہت گہری اور جمالیاتی لطف ابھی تک تازہ ہو گا۔ اس کے مقابلے میں کچھ اور افسانے بھی ہوں گے کہ جنہیں پڑھتے ہوئے کہانی تو قائم ہو گئی ہو گی مگر پڑھ چکنے کے بعد بیانیہ اور متنی ترتیب دھواں بن کر اڑ گئی ہو گی۔ پہلی طرح کے افسانوں کا جب آپ ٹھہر ٹھہر کر مطالعہ کریں گی تو یہ بھید بھی پا لیں گی کہ ان افسانوں کا بیانیہ سیدھی لکیر میں چلتا ہے نہ اس کی رفتار ایک سی ہوتی ہے۔
افسانہ پڑھنے والے اور اسے لکھنے والے جانتے ہیں کہ اس صنف میں محدود متن کے اندر ہی کہانی/کہانیوں، کردار/کرداروں اور بیانیے کو اپنے جوہر دکھانے ہوتے ہیں۔ افسانے کے بارے میں یہ فیصلہ دیا جاتا رہا ہے کہ اسے اس قدر طویل نہیں ہونا چاہیے کہ ایک نشست میں نہ پڑھا جاسکے۔ لفظوں کی تعداد کا تخمینہ لگا کر بھی بتایا گیا ہے کہ اس میں ایک ہزار سے بیس ہزار تک کے الفاظ مناسب رہیں  گے۔ افسانہ کتنا طویل ہو،سچ پوچھیں تو اس کا فیصلہ خود افسانے کو کرنا ہوتا ہے اور جب تک وہ مکمل نہیں ہو لیتا اس جانب دھیان ہی نہیں لے جاتا۔ 
میں نے دیکھا ہے کہ بعض اوقات یہ حدیں، افسانے کی اسی بے نیازی کے زیر اثر بے معنی ہو کر رہ جاتی ہیں۔ اسی طرح افسانے میں کم کرداروں سے کہانی چلائی جاتی ہے۔ بعض اوقات کوئی ایک کردار بھی جزوی شناخت بنا کر کہانی کو مکمل کر دیا کرتا ہے۔ اسی طرح محدود مناظر سے کہانی کا ماحول بنایا جاتا ہے اور اس باب میں زمان مکان کو بھی کفایت کے ساتھ برتا جاتا ہے۔ ایسے میں متن کی رفتار ایک سی رہے تو افسانے کے سپاٹ اور یک سطحی رہ جانے کا احتمال ہوتا ہے۔ متن کو تخلیقی سطح پر برتنے والا جانتا ہے کہ اس کے تحرک کو مدھم یا تیز کیسے کیا جاسکتا ہے۔
(جاری)
نسیم سید
سعو د ابھی حمید شاہد صاحب کا جو ا ب شا ید مکمل نہیں ہو انہوں نے "جا ری ہے" لکھا ہے۔
نوید غازی
میرا خیال ہے کہ حمید شاہد بھائی کا جواب ابھی جاری ہے۔۔
سعود عثمانی
اوہ معذرت۔ میرا خیال تھا بات مکمل ہو گئی۔ آپ جاری رکھیے حمید شاہد صاحب۔ 
نسیم سید
جی ابھی ان کا جوا ب جا ری ہے اور ہم انتظار کریں گے جب تک وہ با ت مکمل نہ کر لیں
سعود، ضیا صاحب مو جو د ہیں میں پہلے ان کو دعوت دوں گی شا ید اس دوران ضیا تر ک تشریف لے آئیں۔
اور اسد ضیا صاحب بھی آ جائیں
اگر نہیں تو ہم ضیا الدین نعیم صاحب کی مو جو گی کا فائدہ ا ٹھائیں گے
سعود عثمانی
ٹھیک ہے نسیم۔ ہم جواب مکمل ہونے پر اگلے سوال کی طرف آئیں گے۔ پہلے یہ بات مکمل ہو جائے
محمد حمید شاہد
بات واقعی طویل ہو گئی،  مگر اسے مکمل کرنے کے لیے،  کچھ اور توجہ درکار ہو گی۔
احباب،  یہیں بتاتا چلوں کہ افسانے کا متن ایک سے زیادہ سطحوں پر بُنا جاتا ہے۔ خارجی سطح ایک واقعہ کے دوسرے واقعہ سے جڑ کر بنتی ہے جب کہ باطن میں احساس اور معنیات کے دھارے بہہ رہے ہوتے ہیں۔ بیانیے کو مختلف سطحوں پر برتنے کے لیے لازم ہے کہ زبان کی کارکردگی نگاہ میں رہے۔ لگ بھگ ایک سے معنی دینے والے الفاظ کسی جملے میں استعمال کے قرینے سے اپنا مزاج بدل لیا کرتے ہیں۔ لفظوں کی صوتیات کو نگاہ میں رکھ کر اور ایک جیسی اصوات کو دہرانے سے جملے کا آہنگ بدلا جاسکتا ہے۔ میں ہمیشہ سے کہتا آیا ہوں کہ افسانے میں فکشن کا جملہ ہی استعمال ہونا چاہیے۔ شاعرانہ وسائل کا کثرت سے استعمال بیانیہ کم زور کر دیا کرتا ہے۔ شاعروں کی دیکھا دیکھی اچھی نثر لکھنے والے بھی آرائشی زبان لکھنے لگتے ہیں۔ تخلیقی زبان وضع کرنا اور آرائشی زبان کا اہتمام دونوں، مختلف وظیفے ہیں۔ آرائشی زبان شاعری کے لیے مفید بنائی جاسکتی ہے،  مقررین،  سیاست دان اور خطیب حضرات بھی اس سے اپنے اپنے سامعین کو مرعوب کر سکتے ہیں مگر افسانہ نگار کا منصب یہ نہیں ہے کہ وہ ایسی زبان کا اسیر ہو جائے۔ ان کی زبان کو افسانے کے تخلیقی بہاؤ کے زیر اثر ہی رہنا چاہئے۔ یہ راز بھی افشا کیے دے رہا ہوں کہ افسانے کی زبان میں بہت کچھ لکھی گئی سطروں کے بیچ میں کہا جاتا ہے۔ 
آرائشی زبان بیانیہ کو مدھم کر دیتی ہے۔ بعض اوقات ایسی زبان کی وجہ سے کہانی آگے بڑھنے سے انکار کر دیتی ہے۔ افسانے کی زبان کو کہنا کم اور سجھانازیادہ ہوتا ہے۔ یہ بتاتی کم اور تصویریں زیادہ بناتی ہے۔ ان تصویروں کو بنانے کے لیے خیال کا عکس بنایا جاتا ہے اور ایک عکس کو کسی دوسرے عکس سے مماثل قرار دے کر تصویر کے رنگ گہرے کر لیے جاتے ہیں۔ یاد رہے متن کے اندر اس طرح کے قرینے متن میں معنی کی رفتار بڑھا دیا کرتے ہیں۔ کسی ایک صورت حال کاکسی دوسری صورت حال کے ذریعے انعکاس اور انعطاف ایک متن میں ایک جست کی طرح آتا ہے۔ تاہم واقعے یا کہانی کو علامت یا تصویر بنائے بغیر بیانیے میں علامتوں اور بنی بنائی تصویروں کے ٹکڑے لگانے سے رفتار میں رخنے پڑ جاتے ہیں۔ یاد رہے فکشن کے بیانیے کا ایک وصف یہ بھی ہوتا ہے کہ اس میں کردار اور تخیل ہم آہنگ ہو جایا کرتے ہیں۔ محسوسات کو دیکھا جاسکتا ہے۔ متن کی رفتار بھی انہی وسائل سے متعین کی جاسکتی ہے۔افسانے میں کہانی سامنے کی طرف یا پھر الٹے قدموں چلتی ہوئی آگے بڑھتی ہے۔ وہ کہانیاں جو پیچھے کو زیادہ چلیں اور آگے کی سمت جست کم لگائیں ان کا بیانیہ بہت مدھم رہتا ہے۔ اس کے مقابلے میں وہ افسانے جن میں ماضی سے قوت پاکر مستقبل میں جست لگانے کا قرینہ ملتا ہے ان کا بیانیہ بھی تیز ہو جایا کرتا ہے۔جن دیگر وسائل کو بروئے کار لا کر افسانے میں بیانیہ کی رفتار کو مدھم یا تیز کیا جاتا ہے ان میں سے چند ایک یوں ہو سکتے ہیں۔
جملے کی ساخت۔ طویل جملہ لکھنے سے بیانیہ مدھم پڑ جاتا ہے۔ چست اور چھوٹے چھوٹے جملے متن میں معنی کی رفتار بڑھا دیتے ہیں۔
وضاحتیں۔ وضاحتوں سے متن کی رفتار مدھم پڑ جاتی ہے۔ زیادہ وضاحتوں سے کہانی رک بھی جایا کرتی ہے۔
جزئیات اور تفصیلات۔ جزئیات کہانی میں گہرائی کی سمت تحرک پیدا کرتی ہیں جب کہ تفصیلات کہانی کی رفتار میں رخنے ڈالتی ہیں۔
مکالمے۔ ضروری مکالمے کہانی کی رفتار کو تیز تر کر سکتے ہیں۔ تاہم غیر ضروری مکالمے کہانی کے بہاؤ کو روک دیتے ہیں۔
واقعات۔واقعہ زیادہ دورانیے کا ہو گا تو متن کی رفتار مدھم پڑ جائے گی اور اگر واقعات تیزی سے اگلے واقعے کے منتظر پیالے میں اپنا معنیاتی دھارا گراتے چلے جائیں گے تو متنی رفتار تیز ہو جائے گی۔
پیرا گراف۔ لمبے لمبے پیرا گراف متن کی رفتار میں رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں اور قاری کی دل چسپی کو کم کرتے ہیں۔ چھوٹے چھوٹے پیرا گراف سے اور افسانے میں اگر زمانی عرصہ طویل ہو تو متن کے حصے بنا لینے سے متن کی رفتار تیز ہو جاتی ہے۔
اصرار اور تکرار۔ کسی بات کی تکرار اور اس پر زور دینے سے متن رک کر معنی کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ 
اسی طرح فلیش بیک،جذبات نگاری، ریشمیں لفظوں کا استعمال اور مناظر کی زیادہ مقدار بھی بیانیے کے بہاؤ کو مدھم کر دیا کرتی ہے۔ ایک افسانہ نگار کو یہ سارے پہلو اور وہ ساری باتیں جو میرے بیان میں نہیں آئیں مگر کہانی کی رفتار متعین کرتی ہیں سیکھنا ہوں گی۔
(اگر بات پوری نہ سنی گئی تو آدھی بات کہیں بھی لے جا سکتی ہے جاری)
نسیم سید
اور دیکھئے کس سا دگی اور کس تفصیل سے جوا ب دیا ہے کہ پوری کتا ب کھو ل کے رکھ دی اس موضوع پر
محمد حمید شاہد
آخر میں،ایک بار پھر ایک اہم بات۔ میں نے جو کچھ کہا وہ سب اس لحاظ سے اہم سہی کہ جو کام آپ کرنے جا رہے ہیں اس کی مبادیات کی خبر ہونی چاہیے ( تاہم میں جو باتیں کر آیا ہوں،  انہیں ہمارے ہاں یوں سمجھنے کا چلن نہ سہی مگر یہ غیر معمولی باتیں نہیں ہیں۔ اگر آپ کو موقع ملے تو اپنے پسندیدہ افسانوں کو بار بار پڑھیں، اس طرح کے کئی اور بھید خود بخود آپ پر ظاہر ہوتے چلے جائیں گے)۔ میں پہلے بھی کہہ آیا ہوں اور یہاں ایک بار پھر دہرانا چاہتا ہوں کہ جب آپ افسانہ لکھنے بیٹھیں توایسے اجزاء کی فہرست بنا کر اور ان کی بابت چوکنے ہو کر مت بیٹھیں۔ دیکھیں سانس لینا ہم سب کے لیے بہت اہم سہی مگر یہ کب ہوتا ہے کہ ہر سانس کے ساتھ اس کا تخمینہ بھی لگا رہے ہوں کہ کتنی مقدار میں آکسیجن پھیپھڑوں میں پہنچ رہی ہے۔ تخلیقی لپک کو آزادی سے کام کرنے دیں اور اس کی راہ میں رخنے مت ڈالیں۔ اگر آپ سب کچھ بھول کراس خاص افسانے کے تخلیقی آہنگ سے جڑ نے میں کامیاب ہو جاتے ہیں جو آپ لکھنے جا رہے ہیں تو یقین رکھیں کہ افسانہ لکھنے کا قرینہ خود بخود آپ کے لہو کا حصہ ہو کر آپ کی رگوں میں دوڑنے لگے گا۔ 
شکریہ احباب۔ اب آپ اگلا سوال کر سکتے ہیں
نسیم سید
ہما رے تنقید نگار عمو ما ً اپنی قابلیت کا اعتراف کرانے کے لئے گھمبیر لہجہ اختیار کر تے ہیں جو عام فہم نہیں ہو تا مگر حمید شاہد صاحب کی یہ بڑی خو بی ہے کہ وہ لہجے کو عام فہم بنا کے دقیق گفتگو کر تے ہیں
حمیدہ شاہین
عظمیٰ نے کتنی اچھی بات کی ہے، یہ صرف مکالمہ ہی نہیں، افسانے کی ایک پوری ورکشاپ کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔
سعود عثمانی
ایسی گفتگو کم کم سنی جاتی ہے۔ بہت بھر پور اور کم یاب۔ 
نسیم کیا اگلے سوال کی طرف چلیں۔ 
سید ضیاالدین نعیم
لذیذ بود حکایت دراز تر گفتم۔ ۔۔
طوالت تو ہرگز محسوس نہیں ہو رہی جناب۔ جی چاہتا ہے آپ بولتے ہی چلے جائیں
نسیم سید
پا کستان کی بجلی کے محبوبانہ مزاج کی خیر ہو
دیکھئے کس پہ گرتی ہے کون بچتا ہے
عظمٰی سلیم
بالکل۔۔۔۔۔۔۔ نہ صرف مدلل بلکہ آسان فہم گفتگو ہے اور بار بار پڑھ کر کچھ سیکھنے کے قابل بہت  سی باتیں۔
سلمیٰ جیلانی
بہت شکریہ شاہد صاحب اتنے سیر حاصل جواب کے لئے نہایت جامع اور مربوط گفتگو
سعود عثمانی
نسیم، اسد ضیا تو موجود نہیں ہیں۔ کسی مجبوری کی وجہ سے۔ 
اگر آپ اجازت دیں تو ان کا سوال پیش کروں ؟
حمیدہ شاہین
بہت عمدہ سوال اور۔ ۔۔۔۔۔ اس سے بھی عمدہ جواب
نوید غازی
کمال ہے۔۔ خوب استفادہ کیا گفتگو سے
نسیم سید
سعود کیا حمید صاحب کا جو اب پورا ہو گیا
نسیم سید
 وہ ابھی جا ری ہے لکھ کے گئے ہیں
بلال احمد 
معذرت چاہتا ہوں بجلی کی غیر یقینی صورت حال کے باعث موجود نہ رہ پایا۔ ۔۔۔۔ دوبارہ حاضر ہوں
سعود عثمانی
جی انہوں نے لکھا ہے کہ "شکریہ احباب۔ اب آپ اگلا سوال کر سکتے ہیں" 
سو اگلا سوال اسد ضیا کی طرف سے میں پیش کر رہا ہوں
نوید غازی
لیجئے بلال آ گیا۔۔۔ نسیم آپا شاہد بھائی نے لکھا ہے کہ اگلا سوال کیا جائے۔
عظمٰی سلیم
نہیں نسیم۔ یہ جواب مکمل ہوا۔آپ اگلے سوال کا اعلان کر دیجیے۔
سعود عثمانی
اسد ضیا کا سوال  
--- کیا آپ کے خیال میں ترقی پسند تحریک نے اردو ادب میں کسی مثبت رجحان کو بھی جنم دیا ؟ اور اگر منفی اثرات مرتب کیے تو کیونکر۔ ذرا وضاحت سے بیان فرمائیے گا۔
محمد حمید شاہد
احباب معذرت،  کہ یہاں بجلی چلی گئی ہے۔ اب یہ ایک گھنٹہ بعد آئے گی۔ (سیل سے)
عظمٰی سلیم
اوہ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نسیم سید
اب کیا کیا جائے؟
کیا ایک گھنٹے کے لئے ملتوی کریں پر و گرام؟
سعود عثمانی
اچھا۔ حمید صاحب تو کیا ایسا کیا جائے کہ سوالات جو باقی ہیں وہ یہاں لکھ دئے جائیں
نسیم سید
سعو د اور ہما رے باقی دوست کیا کہتے ہیں؟
نوید غازی
جی میرا خیال ہے ایک گھنٹے کا وقفہ دیا جائے۔۔
اور کیا حل ہے
سعود عثمانی
میرا خیال ہے بجلی ناقابل اعتبار ہے۔ 
 اور ایک گھنٹے بعد بھی کچھ دوست نہیں ہوں گے
نسیم سید
نہیں سعود، یہ لا ئیو ہے اور اس کو ایسے ہی رہنے دیں
محمد حمید شاہد
جی، سب احباب اپنے اپنے سوالات، یہاں پوسٹ کر دیں۔ بجلی آنے پر جواب عرض کر دوں گا(سیل سے )
عظمٰی سلیم
یہ بھی ہو سکتا ہے کہ بقیہ سوالات یہاں لگا دیے جائیں اور جب حمید شاہد کو سہولت ہو۔ وہ جوابات دے دیں
محمد حمید شاہد
جیسے آپ مناسب سمجھیں (سیل سے)
بلال احمد
ایک گھنٹے کے لیے ملتوی تو کرنا پڑے گا۔ ۔۔۔۔۔۔ خواہ سوال لکھے جائیں یا نہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔
حمید شاہد صاحب ایک گھنٹے بعد ہی آ پائیں گے۔ ۔۔۔۔۔۔۔
 بجلی ناقابل اعتبار ہے اور ایک گھنٹے بعد کچھ علم نہیں کہ کون ہو گا اور کون نہیں۔۔۔۔۔۔۔ سوال پوسٹ کر دینے چاہئیں۔ ۔۔۔۔۔۔
کیا میں اپنا سوال پوسٹ کر دوں؟
سعود عثمانی
میرے خیال ہے کہ ہم اپنے اپنے سوالات شامل کر دیتے ہیں۔ اور حمید شاہد صاحب یہیں ان کے جوابات لکھ دیں گے۔ 
عظمٰی سلیم
اور بعد میں حمید شاہد صاحب کی سہولت کے مطابق پھر سے ایک بار جمع ہو کر اس انٹرویو کا لائیو حصہ  کر لیا جائے
نسیم سید
جی ٹھیک ہے ہم سب سوا لا ت پیش کر دیتے ہیں سعو د آپ کو زحمت ہو گی ایک با ر پھر ہو سٹ کر دیں تا کہ سوالات   ترتیب سے رہیں
سعود عثمانی
 جی ٹھیک ہے۔ اسد ضیا کا سوال میں لگا رہا ہوں
اسد ضیا :
--- کیا آپ کے خیال میں ترقی پسند تحریک نے اردو ادب میں کسی مثبت رجحان کو بھی جنم دیا ؟ 
اور اگر منفی اثرات مرتب کیے تو کیونکر۔ 
 ذرا وضاحت سے بیان فرمائیے گا
نوید غازی
جس جس کا سوال رہ گیا ہے وہ پوسٹ کر دیں۔۔
سعود عثمانی
بلال آپ اپنا سوال لکھ دیجیے
نوید غازی
ضیاءالدین نعیم صاحب موجود ہیں۔۔
 حمیدہ آپا بھی موجود ہیں۔۔ 
عظمیٰ آپی بھی ہیں
سعود عثمانی
جی ضیا الدین نعیم صاحب۔ اور محترمہ حمیدہ شاہین بھی اپنے سوالات لکھ دیں براہ کرم
بلال احمد
حمید شاہد صاحب سب سے پہلے تو حرف کار کی جانب سے مدعو کیے جانے پر آپ تشریف لائے اور یوں ہماری ادبی تربیت کا اہتمام کیا اس کے لیے بہت شکریہ۔ ۔۔۔۔۔۔ میرا سوال یہ ہے؛
ہمارے ہاں نئے لکھنے والوں کا ذہن تخلیق کی جانب جلد اور زیادہ مائل ہوتا ہے بہ نسبت تحقیق و تنقید کے۔۔۔۔ آپ کے خیال میں اس کی کیا وجہ ہو سکتی ہے اور تنقید کی اہمیت اگر آپ کو نئے لکھنے والوں پر اجاگر کرنی ہو تو کیسے کریں گے؟
نسیم سید
پینل کے باقی احباب سے در خواست ہے کہ اپنا سوال پو سٹ کر دیں
حمیدہ شاہین
میں موجود رہوں گی انشا اللہ
عظمٰی سلیم
آپ ایک ایک نام کا اعلان کرتی جائیے نسیم، تا کہ سب ایک ترتیب سے سوالات پیش کر سکیں۔
سعود عثمانی
بلال کا سوال بھی شامل ہو گیا۔ اب میں برادرم ضیا ترک کا سوال شامل کر رہا ہوں۔ جو ایک دوست کی ناگہانی وفات کی وجہ سے اس محفل میں شریک نہیں ہوسکے
 ضیا ء المصطفےٰ ترک کا سوال
حمید شاہد بھائی!
بھلا افسانہ میں آپ نے تعیینِ قدر کے حوالہ سے دراصل کس طریقہ کار کو درست جانتے ہیں ؟ کیونکہ آپ نے "تعیین قدر کا مسئلہ" کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے لِکھا کہ :
"تخلیقی معیاروں پر فن پارے کی قدر قائم کرنے کے بجائے اسے کسی اور حوالے سے دیکھنے کے چلن نے اردو افسانے کی تاریخ مسخ کر کے رکھ دی۔ صرف افسانے ہی کی نہیں خود ادب کی بھی۔"
 آپ نے وہیں مزید یہ بھی لِکھا کہ :
"کہ اس وقت میرے سامنے مسئلہ افسانے کی قدر کے تعین لیے بنیادیں تلاش کرنے کا ہے۔"
آپ فاروقی صاحب، وارث علوی صاحب کی اس بابت تنقیدی تحریروں سے نا مطمئن بھی نظر آتے ہیں اور آپ کا کہنا ہے کہ :
"یہ دعویٰ کہ محض بیانیہ یا زبان یا لسانی ساخت کا مطالعہ ہی افسانے کے تمام فنی اور معنوی اسرار کو منکشف کر سکتا ہے،  درست نہیں۔"
بھلا آپ کے نزدیک ایک افسانہ کے لیے تعیین ِ قدر کا عمل کس طرح ممکن ہے؟
علی زبیر
بہت شاندار گفتگو رہی۔۔حمید شاہد کو سمجھنے کا بھرپور موقعہ ملا۔۔۔مجھے کہیں جانا ہے۔۔اپنے حرف کار کے اس انٹرویو نے روک رکھا تھا۔۔۔ انشاء اللہ رات میں بقیہ ماندہ انٹرویو پڑھوں گا۔۔ایک مشورہ یہ بھی ہے سعود بھائی کے اس گفتگو پر گفتگو کا اہتمام بھی ہونا چاہیے،کیونکہ گفتگو کے بعض مقامات سوال طلب ہیں۔اور کچھ نئے سوالات بھی اٹھاتے ہیں۔۔۔۔۔ حرف کار کا بے حد شکریہ کہ ایسی اچھی روایت کا آغاز کیا۔۔
نسیم سید
حمید شاہد صاحب آپ نے ایک ا ہم سوال کا بہت تفصیلی اور بھر پور جو ا ب دیا 
یقیناً آپ کی گفتگو ایک سا تھ کئی سوالوں کا جواب دے گئی ابھی تا دیر اسی مو ضو ع سے جڑے بہت سے سوالا ت اٹھائے جا سکتے تھے لیکن مجھے اپنے ایک اور اہم مہمان جنا ب ضیا المصطفےٰ تر ک کو زحمت دینی ہے۔ محترم ضیا ترک کی فکری اور علمی بصارت و بصیرت کا مجھے تعارف کرا نے کی ضرورت نہیں کہ ہم سب بحیثیت ایک با کما ل شاعر، نقاد اور مترجم کے انکی صلاحیتوں سے خو ب وا قف ہیں۔ درخواست کروں  گی محترم ضیا ترک سے کہ اپنا سوال تحریر فر مائیں۔
ضیا تر ک میرا خیال ہے کہ مو جو د ہیں
اگر نہیں تو ضیا تر ک کا سوا ل یہاں تحریر کر دیں سعود آپ
عظمٰی سلیم
ان کا سوال سعود صاحب نے لگا دیا ہے۔
سعود عثمانی
بالکل علی زبیر۔ ایسا ہے کہ پینل کے سوالات کے جواب حمید شاہد صاحب دے دیں گے۔ اور اس کے بعد فلور اوپن ہو گا۔ جو دوست سوال کرنا چاہیں۔ کر سکیں گے
ضیا الدین نعیم صاحب کا سوال شاید اب تک شامل نہیں ہوا ہے۔ ضیا صاحب اگر پڑھیں تو شامل کر دیں
نسیم سید
او ہ معذرت میں نے دیکھا نہیں کہ ضیا تر ک کا سوال آپ نے پو سٹ کر دیا
نسیم سید کا سوا ل۔ ۔۔
حمید شاہد صاحب آپ نے ا پنے تنقیدی مضامین میں یا " اردو افسا نہ صورت و معنی" میں اس تفصیل سے سوالوں کو سمیٹ لیا ہے کہانی کا ر اور کہانی سے متعلق یا دیگر موضوعات کے متعلق کہ شا ید ہی کو ئی سوال ا یسا ہو جس کی تشفی نہ ہو ئی ہو اس لیے میں اس سے الگ ہٹ کے سوال کر نا چاہتی ہوں۔ ۔ با ت یہ ہے
حمید شاہد صاحب کہ میں "حرف کا ر" اور تسطیر "کے علا وہ " حاشیہ " پر بھی بہت پا بندی سے حاضری دیتی ہوں "کیونکہ وہاں پو سٹ کی جا نے وا لی نظموں کے ہر مصرع ہر سطر ہر لفظ کی پرتیں ادھیڑ کے دیکھی اور دکھا ئی جا تی ہیں۔ا یسی مباحث تو ہمیں علمی اداروں میں بھی نصیب نہیں ہوتیں جو و ہاں میسر آ تی ہیں۔۔مگر کئی معروف ادبی شخصیتوں کا فیصلہ یہ ہے کہ فیس بک پر پیش کی جا نے وا لی کسی تخلیق، تنقید یا تعریف کی کو ئی ادبی حیثیت نہیں۔ تو کیا ہم حاشیہ، تسطیر، حرف کا ر اور ایسی ہی دیگر فورمز کو وقت کا زیاں سمجھیں ؟ آپ کی اس حوا لے سے کیا رائے ہے؟ دقیق علمی گفتگو جو فیس بک پر ہو تی کیا وہ سنجیدہ ادب کے دائرے سے خارج ہے؟
حمیدہ شاہین
بہت عمدہ سوال
نسیم سید
سید ضیا الدین نعیم کا سوال 
حمید شاہد صاحب!
آپ کے تین افسانے،"جنم جہنم۔۱،  جنم جہنم۔۲،  جنم جہنم۔۳" ایسے ہیں جن کے نہ صرف عنوان بلکہ ان کا متن بھی یکساں لگا مجھے ـــــــ کیا آپ بتائیں گے کہ ان تینوں کا عنوان ایک ہی ہونے کا سبب کیا ہے ؟ اور یہ بھی کہ ان افسانوں میں بیش از بیش خود کلامی کی کیفیت کی وجہ سے کیا یہ تینوں "کہانی"کی بہ نسبت "نظم" کے قریب ہوتے نہیں ہو گئے؟؟
میرا خیال ہے کہ ہما رے پینل کے سوا لا ت کا سلسہ ختم ہوا اب میں اپنے ممبران سے در خواست کروں  گی کہ اگر وہ کو ئی سوال کرنا چا ہیں تو اپنا سو ا ل یہاں تحریر کر دیں
سعود عثمانی
حمیدہ شاہین صاحبہ۔ میرا خیال ہے کہ آپ بھی اپنا سوال لگا دیجیے۔ تاکہ پینل کے سب سوالات مکمل ہو جائیں
عظمٰی سلیم
نسیم ابھی پینل کے سوالات مکمل نہیں ہوئے
سعود عثمانی
حمیدہ شاہین صاحبہ کا سوال رہتا ہے نسیم
عظمٰی سلیم
میرا اور حمیدہ شاہین کا سوال رہتا ہے باقی
حمیدہ شاہین
نسیم جی آپ نے بر وقت اہم سوال کیا ہے
سعود عثمانی
عظمٰی سلیم کا سوال بھی رہتا ہے
نسیم سید
جی عظمیٰ آپ اپنا سوا ل تحریر کریں
سعود عثمانی
عظمیٰ براہ کرم آپ بھی اپنا سوال تحریر کر دیں
نسیم سید
شکریہ حمیدہ شاہین صاحبہ
عظمٰی سلیم
جی نسیم۔ میں پیش کرتی ہوں سوال
سعود عثمانی
بہت کمال گفتگو ہوئی ہے اور یہ سلسلہ ابھی چلے گا۔ 
عظمٰی سلیم
محمد حمید شاہد صاحب۔۔۔۔۔۔ایک عام تاثر یہ ہے کہ لکھنے والے کسی ایک خاص صنف میں اپنا نام پیدا کرتے ہیں۔ اس کے برعکس آپ کی حیثیت بہ طور افسانہ نگار، تنقید نگار، اور شاعر تینوں شعبوں میں مسلم ہے۔ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ کوئی لکھنے والا مختلف اصناف میں انصاف کر سکتا ہے؟ اگر ایسا ہے تو نئے لکھنے والوں کو اپنے تجربے کی روشنی میں بتائیے کہ وہ کیسے مختلف اصناف میں طبع آزمائی کرتے ہوئے توازن برقرار رکھ سکتے ہیں؟
نسیم سید
ا پنی بہت محترم دوست شاعر اور نثر نگار حمیدہ شاہین سے سوال کا سوا ل ہے
حمیدہ شاہین
میرا سوال یہ ہے کہ فن اپنی دیگر خصوصیات کے ساتھ ساتھ اظہارِ ذات کا وسیلہ بھی ہوتا ہے، آپ افسانہ نگار ہیں،  آپ نے نثری نظم کو بھی اپنایا،  تنقید میں بھی آپ کا قلم رواں ہے،  آپ کونسی صنف میں اپنے تئیں اظہارِ ذات کے زیادہ امکانات محسوس کرتے ہیں ؟ اور اس کی وجہ کیا ہے؟
عظمٰی سلیم
ایک اور سوال ابھی سلمیٰ جیلانی کے سوال کے جواب کے دوران ذہن میں آیا۔جب آپ نے فرمایا کہ لکھنے والے کو افسانہ اور حقیقت کے بارے میں اپنے عمومی تصور کو جھٹکنا ہو گا؟ اس عمومی تصور سے آپ کیا مراد لیتے ہیں؟
سعود عثمانی
بہت اہم سوالات ہیں۔
نسیم سید
ڈاکٹر عظمٰی آپ نے میرے دل کی با ت کی میں بھی یہی سوال کر نا چاہتی تھی بہت اچھا ہو ا کہ آپ نے پو چھ لیا
سعود عثمانی
نسیم اب جب کہ انٹرویو پینل کے سوال پورے ہو چکے ہیں۔ ہم ارکان سے درخواست کرسکتے ہیں کہ وہ بھی اپنے اپنے سوالات شامل کر دیں حمید شاہد صاحب اپنی سہولت سے ان کا جواب دے دیں گے۔
عظمٰی سلیم
بس نسیم۔دل قریب ہونے کا یہی فائدہ ہے نا۔
نسیم سید
اگر کسی کے ذہن میں حمید شاہد صاحب کے جوا ب سے جڑا کو ئی سوال ہے تو مہربانی سے یہاں تحریر کر دے کہ یہ موقع بار بار نہیں آئے گا۔ 
سعود عثمانی
ایک طرح یوں سمجھا جائے کہ اس انٹرویو کا لائیو حصہ جو بہت ہی شاندار تھا ختم ہوتا ہے۔ اور انٹرویو کا باقی حصہ چلتا رہے گا۔
نسیم سید
میں اب فلو ر کو ا وپن کر نے کا اعلان کر تی ہوں ہمارے معزز دوست اور حرف کا ر کے ممبران میں سے جو سوال کرنا چاہتا ہو برائے مہربانی تحریر کر دے یہاں۔
میرا خیال ہے کہ ممتا ز رفیق صاحب سوال کر نا چا ہتے تھے اگر وہ مو جود ہوں تو ان سے درخواست کروں  گی سوا ل پیش کر نے کی
ورنہ سعود آپ سے اختتامیہ کلما ت کی درخواست ہے
بلال احمد
 تنقید کے جواز اور اہمیت کا سوال اہم ہے اور شاید اس کے جواب سے کچھ مزید سوالات کی گنجائش نکلے، میں منتظر رہوں گا کہ محترم حمید شاہد میرے سوال کا جواب دیں۔
محمد حمید شاہد
واقعی بہت اہم سوالات ہیں۔ بجلی آنے پر، کوشش ہو گی کہ توفیق بھر کہہ سکوں۔ (سیل سے)
سعود عثمانی
نسیم۔ وہ شاید موجود نہیں رہے اس وقت۔ ہم یہاں اس وقت انٹرویو میں ایک وقفہ لے رہے ہیں
نسیم سید
د و ستو آ ج کی یہ محفل ایک یا د گا ر محفل رہی
اور ہم یہ سلسلہ جا ر ی رکھیں گے
سعود عثمانی
بہت سیر حاصل گفتگو رہی۔ بجلی کے جانے سے لائیو انٹرویو میں مداخلت رہی لیکن ایک لحاظ سے ہمارے لیے بہتر بھی ہوا کہ یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔
نسیم سید
حمید شاہد صاحب کے حرف کا ر کے تمام احباب تمام ممبران اور پو ری ٹیم بےحد ممنون ہے کہ انہوں نے اسقدر تفصیل سے تمام سوا لا ت کا جوا ب دیا۔ 
سعود عثمانی
ہم سمجھ سکتے ہیں کہ انٹرویو کا لائیو حصہ اختتام کو پہنچا۔ یہ گفتگو جاری ہے۔ سوال بھی اور جواب بھی چل رہے ہیں
فلور اوپن ہو چکا ہے۔ جو صاحب اس میں حصہ لینا چاہیں شامل ہوسکتے ہیں
نسیم سید
یہ تمام سوا لا ت اور انکے جوا ب ہم کسی معیاری رسا لے میں جلد ہی شائع کریں گے
سعود عثمانی
ہم جناب حمید شاہد کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہ انہوں نے چھٹی کے دن وقت نکالا اور حرف کار کے لیے زحمت فرمائی۔ ان کی پر مغز گفتگو سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اس وقت انہیں پابند نہیں رکھنا چاہتے
عنبرین صلاح الدین
السّلام علیکم! میں آج کل خواتین افسانہ نگاروں پر کام کر رہی ہوں۔ جس افسانہ نگار کا جتنا بڑا نام ہے، جتنی acclaimed writer ہیں، وہاں یہ احساس ہوتا ہے جیسے وہ چاہتی ہیں کہ اُن کا قاری بھی اتنا ہی پڑھا لکھا ہو، اور افسانے کو، اُس کے اختتام کو از خود ہی سمجھ لے۔ مثلاً خالدہ حسین۔۔ ایسا کیوں ہے؟
سعود عثمانی
تمام دوستوں کا شکریہ جو اس گفتگو میں شریک رہے اور اس منفرد تجربے کا حصہ بنے۔ اب یہ سلسلہ فی الوقت اختتام کو پہنچتا ہے۔ جو دوست جانا چاہیں وہ اپنے آپ کو پابند نہ رکھیں۔ جو دوست اس پر بات کرنا چاہیں۔ یہ لڑی حاضر ہے
بہت اچھا سوال ہے عنبرین
نسیم سید
جنا ب حمید شاہد صاحب نے اجازت مرحمت فر ما ئی تھی کہ ہم جتنے سوالا ت کر نا چا ہیں کر سکتے ہیں وہ تفصیل سے جوا ب دیں گے اس کے لیے انکا تہہ دل سے شکریہ ادا کر تے ہوئے ایک با ر پھر درخواست ہے کہ اگر آپ اپنا سوال تحریر کر نا چا ہتے ہیں تو کر دیں۔
عنبریں بہت بر وقت آئیں اور بہت اچھا سوال ہے آپ کا۔
عنبرین صلاح الدین
نسیم آپا میں انٹرویو کے آغاز سے یہیں ہوں۔ اور تمام سوالات اور جوابات کو پڑھا۔ بہت اہم باتیں ہوئیں۔ مجھے اپنے کام کے سلسلے میں بہت مدد ملے گی اِس تمام گفتگو سے۔
بہت مبارکباد حرف کار کو۔
نسیم سید
کیا اس رو ح کو غذا پہچا نے وا لے دستر خوان کو سمیٹا جائے دوستو
سعود عثمانی
جی نسیم۔ ڈاکٹر عظمٰی کی ایک تجویز بہت اچھی ہے وہ یہاں دوستوں کے سامنے رکھ دیتے ہیں
نسیم سید
میں ایک با ر پھر جنا ب حمید شاہد صاحب کا اور اپنے تمام شر کا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کر تی ہوں اور اگر سعود یا ہما رے باقی پینلسٹ کچھ کہنا چا ہتے ہوں تو ان سے بھی درخواست کروں  گی کہ اپنے احساسا ت رقم کریں۔
سعود عثمانی
اور وہ یہ کہ حمید شاہد صاحب ان سوالات کا جواب دے دیں اس کے بعد کوئی  وقت مقرر کر کے ایک اور اختتامی لائیو نشست کر لیتے ہیں۔ 
سو فی الوقت یہ سلسلہ ختم ہوا۔ اختتامی لائیو نشست کے لیے اعلان کر دیا جائے گا اور سب اس میں شریک ہو جائیں گے
سو فی الوقت اجازت لیتے ہیں سب سے۔ جو دوست شریک رہنا چاہیں وہ ضرور بخوشی شریک رہیں۔ 
اللہ حافظ
نسیم سید
حمیدہ شاہین صاحبہ،  عنبرین صلا ح الدین، جنا ب ضیا نعیم صاحب بہت ممنون ہیں ہم آپ کی شمولیت کے
عظمٰی سلیم
یہ نشست جتنی معلوماتی اور دل چسپ تھی، سچ بات یہ ہے کہ اس قدر توقع نہیں تھی کہ کوئی آن لائن انٹرویو اس قدر وقیع بھی ہو سکتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ حرف کار کا یہ تجربہ تو انتہائی مفید رہا۔ بالکل یوں محسوس ہو رہا ہے کہ ایک ضخیم کتاب پڑھ کر اٹھ رہے ہیں یہاں سے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سو فی الحال اللہ حافظ۔
علی زبیر 
میرا ایک مختصر سوال ہے کہ اس پورے انٹرویو میں مجھے ایک ناقد،ایک فلسفی،افسانے کا ایک استاد تو نظر آتا ہے مگر کہیں بھی مجھے کہانی کار، فتنہ پرداز تخلیق کار نظر نہیں آیا۔۔کیا وجہ ہوسکتی ہے؟
عنبرین صلاح الدین
شکریہ تو آپ کا اور حرف کار کا کہ ہمیں اِس گفتگو کا حصہ بننے کا موقع ملا۔ ایسی معلوماتی نشست سے ہم سب کو خوب فائدہ ہو گا۔
نسیم سید
واقعی اور یہ گفتگو ا یسی نہیں ہے کہ اس کو محفوظ نہ کیا جائے بہت ہی اہم سوا لا ت اور بہت تفصیلی جوا با ت ہیں جو کہ ایک دستاویز کی حیثیت رکھتے ہیں۔
علی زبیر مجھے ایسا لگا جیسے سوال اور وضاحت طلب ہے
کہانی کا ر۔ فتنہ پرداز سے کیا مرا د ہے اگر تھوڑی تفصیل میں جائیں تو شا ید، حمید شاہد صاحب کو بھی سمجھنے میں آسانی ہو۔
سلمیٰ جیلانی
بہت شکریہ نسیم اور تمام دوستوں کا اور شاہد صاحب کا بطور خاص شکریہ اپنے سوال کا اتنا مدلل اور جامع جواب پا کر اتنا اچھا لگا کے بس یہ یقیناً افسانہ نگاری کے طالب علموں کے لئے نہایت عمدہ ورکشاپ رہی ہے۔ 
نسیم سید
 
سلمٰی آپ کے سوال کا جوا ب سب سے زیادہ تفصیل سے دیا حمید شاہد صاحب نے سوال ہی ایسا کمال تھا۔
اچھا دو ستو میری تو ابھی را ت ہے چا ر بجے تک دل شا د کیا اب میں تو سو نے چلی وا پس، آپ کا جو بھی وقت ہو وہ بخیر اور میری شب بخیر :))
سلمیٰ جیلانی
میں نے تو اس کو محفوظ بھی کر لیا ہے اصل میں شاہد صاحب اب اس مرحلے پر ہیں جب وہ اپنی تھیوری پیش کر چکے ہیں جو بلا شبہ نئے آنے والوں کے لئے مشعل راہ ہے۔
میری طرف سے بھی شب بخیر اللہ آپ سب کا نگہبان
محمد حمید شاہد
احباب بہت شرمندہ ہوں،  کہ آپ کو اس قدر زحمت اٹھا نا پڑی۔
اوہ سلمی جیلانی صاحبہ۔ ۔۔ ۔۔ اچھا میٹھی نیند لیں،  سلامت رہیں
حمیدہ شاہین
اس طرح تو ہوتا ہے۔ ۔۔۔۔۔۔ حمید شاہد بھائی
!:)
محمد حمید شاہد
اب مجھے معلوم نہیں کہ آپ لوگ متوجہ ہیں یا نہیں،  مگر میں حسب وعدہ آپ کے موجود سوالات کی طرف آتا ہوں۔ 
شکریہ جی۔ ایسا تو ہو گا
حمیدہ شاہین
۔۔ اتنی عمدہ گفتگو چلی کہ لطف آگیا۔ ۔۔ اور بجلی کے اس چال چلن کی سب کو عادت ہے،  معذرت کی ضرورت نہ سمجھئے
محمد حمید شاہد
ایک سوال حرف کار کی وال پر محترم ممتاز رفیق صاحب کا میں نے لکھا پایا تھا،  پہلے اس کے حوالے سے کچھ عرض کرتا ہوں :
"کیا ایک افسانے کا منطقی انجام ضروری ہے اور یہ افسانیت کیا ہوتی ہے؟"
پہلے میں آپ کے سوال کے دوسرے حصہ کو لیتا ہوں،  یعنی " افسانویت کیا ہے؟" اگرچہ اس کا سیدھا جواب ممکن نہیں ہے بالکل اسی طرح جس طرح آپ پوچھیں کہ تغزل کیا ہے تاہم، اسے محسوس کیا جاسکتا ہے،  بالکل اسی طرح جس طرح غزل میں آپ تغزل کو احساس کی سطح پر جان پاتے ہیں۔ شمس الرحمن فاروقی سے کسی نے پوچھا، غالباً میں نے یہ اثبات میں پڑھا، کہ تغزل کیا ہے؟ تو فرمایا یہ کوئی اصطلاح نہیں ہے۔ اس کا پرانے زمانے میں وجود ہی نہیں تھا وغیرہ وغیرہ۔ میں فاروقی صاحب کی طرح یہ نہیں کہوں گا کہ افسانویت کوئی اصطلاح نہیں ہے،  اور چوں کہ ہمارے ہاں افسانہ صدی بھر کا ہے، اتنی پرانی صنف نہیں، کہ کہیں پرانے زمانے میں یہ اصطلاح نہیں ہوتی تھی، اجی اگر یہ نئی اصطلاح ہے اور افسانے کو سمجھنے میں اس سے مدد مل سکتی ہے تو اسے قبول کرنے میں قباحت کیا ہے۔ جس طرح تغزل غزل میں محض موسیقیت کا عنصر نہیں ہے،اس فضا کا نام بھی ہے جو غزل کا شعر بنا رہا ہوتا ہے، اپنی لفظیات سے، مصرعہ کی بنت سے، لفظوں کی صوتیات سے اور انہیں اپنے اپنے مقام پر صحیح صحیح جمانے سے،  موضوع اور برتی گئی زبان کے مزاج سے تو اسی طرح افسانویت کو بھی کچھ کچھ آنکا جا سکتا ہے کہ اسی سے کہانی افسانہ بنتی ہے۔ واقعہ کیا ہے اور کہانی کیا اس پر بات ہو چکی،  اس کہانی میں وہ عنصر جو ایک کیمیائی عمل سے اسے افسانہ بنا دیتا ہے، وہی افسانویت ہے۔ کہانی کا مزاج لوکیل کے ساتھ ہموار کر دیا، وقت کو حسی سطحوں پر برتنا، زبان کو نہ تو شاعرانہ بنا دینا نہ وہ عامیانہ رہے۔ ہاں کرداروں کی زبان لگے مگر اس میں حشو و زواید نکلتے چلے جائیں،  موضوع کہیں بیانیہ پر حاوی ہو نہ بیانیہ کہانی پر وغیرہ وغیرہ۔ جہاں تک اس سوال کا تعلق ہے کہ " کیا ایک افسانے کا منطقی انجام ضروری ہے ؟" تو میرا سوال ہو گا کون سی منطق سائنسی یا فلسفیانہ یا پھر فن پارے کی اپنی منطق ؟ ایک اور فورم پر نظم پر بات چل رہی تھی تو میں نے کہا کسی اور ڈسپلن کی منطق یا اس کے امثالی استدلال پر فن پارے کی اپنی منطق کو تو قربان نہیں کیا جا سکتا کیوں کہ فن پارہ حساب کا سوال نہیں ہوا کرتا کہ اس میں سے ہر بار ضرور ایک جواب،  اور ہر بار ایک سا جواب نکلے۔ افسانے کی حقیقت فی الاصل غیر مصرح حقیقت ہوتی ہے،  اپنے قاری پر فوق حسیاتی نظام کی کھول کھول کر رکھ دینے والی حقیقت،  یہی آدمی کو ماورائے منطق لے جاتی ہے۔ کسی بھی معلول کی علت یہاں متن کے اندر ہی سے ڈھونڈ نکالنا ہو گئی۔ خیر یہ ڈھونڈنے ڈھانڈنے کا کام تو نقاد کو کرنا ہوتا،  ادب کے سنجیدہ قاری کی حسوں پر تو اس کا ریشمیں لبادہ خود بخود کھلتا چلا جاتا ہے۔ تو یوں ہے کہ میرا جواب ہے "نہیں "، اور میرا ہی جواب ہے "ہاں "۔ جب آپ اس منطق کو متن کے باہر تلاش کریں گے تو یہ" نہیں " اس کے لیے ہے۔ اور اگر آپ متن کو ایک نامیاتی وحدت میں جوڑنے والی منطق کی صورت میں دیکھیں گے،  تو یوں ہے کہ اس کے بغیر افسانہ بنتا کہاں ہے۔
محمد حمید شاہد
سید ضیا الدین نعیم آپ موجود ہیں لہذا میں آپ کا سوال بھی لے رہا ہوں آپ کا سوال افسانے،‘جنم جہنم۔۱،  جنم جہنم۔۲،  جنم جہنم۔۳‘‘‘ کے بارے میں تھا 
سید ضیا الدین نعیم صاحب، ’’شکریہ،  آپ نے میرے اس افسانے کا ذکر کیا جس نے اپنی تخلیق سے برسوں پہلے مجھے بے کل رکھا،  تاہم میں شاید خود اس کیفیت کو بیان نہ کر پاؤں جس نے مجھ سے یہ افسانہ،  تین رخوں سے لکھوایا۔ یہ ایک افسانہ بھی ہو سکتا ہے اور تین الگ الگ بھی۔ میرے ناقدین نے اس باب میں کہہ رکھا ہے کہ اس میں قاری کو فلسفہ ء لذتیت کے احوال و مقامات کی سیر کرائی گئی ہے۔۔ فتح محمد ملک کے مطابق تینوں کہانیاں خشک بیانیہ اور بے جان مقالہ نہیں ہیں بل کہ دلکش حکیمانہ کہانیوں کا ایک سلسلہ ہیں۔ ڈاکٹر توصیف تبسم کے مطابق "جنم جہنم" کو افسانہ نگار نے تین سطحوں پر لکھا ہے۔ اس میں انسانی وجود اور اس پر گزرنے والی کیفیات کو بھی درجہ بہ درجہ بیان کیا گیا ہے۔ ’’جنم جہنم۔ ۱‘‘ میں ہمیں جدید وجودی فکر کے اثرات بہت واضح طور پر دکھائی دیتے ہیں۔ اس کا مرکزی نسائی کردار جب زندگی کی نئی شاہ راہ پر نکل کھڑا ہوتا ہے تو اس کو جو کچھ حاصل ہوتا ہے اس کا بیان جنم جہنم۔ ۲ میں سامنے آتا ہے۔ جنم جہنم۔ ۳ میں کہانی کے کردار مل کر زندگی کی معنویت انسان کے احساس تنہائی اور بے بسی میں تلاش کرتے ہیں۔ جنم جہنم سلسلے کی اس آخری کہانی کا آخری جملہ زندگی کے حاصل کو سامنے لاتا ہے یہ "جو لعنت کی کٹاری کی تیز دھار ہے نا بالآخر یہی تو بندے کا مقدر ہے۔" تو یہ ہے اس افسانے کے ناقدین کا فیصلہ۔ اپنی تخلیقات کے بارے میں تخلیق کار کو زیادہ نہیں بولنا چاہیئے،  کہ فن پارے کی تعبیر کے وقت وہ،  وہ نہیں ہوتا جیسا کہ وہ تخلیق کے لمحوں میں ہوتا ہے۔ 
محمد حمید شاہد
ضیا ء المصطفےٰ ترک کا سوال میرے ایک مضمون اردو افسانہ تعیین قدر کا مسئلہ کے حوالے سے ہے اس باب میں میری گزارشات یہ ہیں
ضیا ء المصطفےٰ ترک بھائی آپ کے سوال کا سیدھا سادا جواب ممکن نہیں ہے۔ ہاں میں اس سارے تنقیدی ہنگامے سے پوری طرح مطمئن نہیں ہوں جو ہمارے ہاں اٹھایا جاتا رہا۔ تاہم اس کام کو آپ ایک جانب پھینک نہیں سکتے کہ بنیادی کام آپ کو یہیں ملتا ہے۔ تعیین قدر کا مسئلہ سہولت سے سلجھنے والا نہیں ہے،  جس مضمون کا آپ حوالہ دے رہے ہیں اس میں اس جانب پیش رفت کے کچھ اشارے موجود ہیں۔ ظاہر ہے انہیں اب تک کے سفر کے تجربے کو سامنے رکھ کر ہی بروئے کار لایا جاسکتا ہے مثلا ً انتظار حسین کا کہنا ہے افسانہ اپنی کوئی قدر اس وقت تک قائم نہیں کر سکتا،  جب تک اس میں بیان ہونے والا واقعہ پرا نا نہ ہو جائے۔ گویا افسانویت اگر قدر ہے تو وہ واقعہ کی بوسیدگی ہی سے حاصل ہو سکتی ہے۔ مگر میں سمجھتا ہوں کہ آپ افسانے کو لمحہ رواں کے آشوب سے کنی کاٹ کر نہ تو لکھ سکتے ہیں نہ اس کی ادبی قدر کو طے کر سکتے ہیں۔ پھر اس لمحہ گزراں کی نیرنگیاں اور ستم ظریفیاں اتنی عجب ہیں کہ انہیں گرفت میں لینے بیٹھو تو روایتی صلاحیت والا آدمی پل بھر میں اتھلا ہو کر ننگا ہو جاتا ہے۔ میں اس پر زور دیتا آیا ہوں کہ تخلیقی عمل کے دوران لکھنے والا اکیلا ہو جایا کرتا ہے۔ اور اب اس باب میں یہ وضاحت کرنا پڑ رہی ہے کہ یہ بات اتنی سادہ نہیں ہے جتنی سہولت سے میں نے کہہ دی تھی۔ دیکھا جائے تو انفرادی شعور کسی نہ کسی سطح پر ثقافتی شعور کی لہروں سے غذا پا رہا ہوتا ہے۔ میں نے اسی مضمون میں لکھا تھا کہ یہ بات گرہ میں باندھنے کی ہے کہ یہ ثقافتی کروٹیں محض کسی جواں سال بیوہ کے بستر کی سلوٹیں نہیں ہوا کرتیں کہ انہیں تہذیبی شعور بہر حال اپنے زیر اثر رکھتا ہے۔ جی میں اسی تہذیبی شعور کی بات کر رہا ہوں جو بظاہر غیر فعال ہو رہا ہوتا ہے۔ اس سب پر مستزاد وہ تہذیبی اور ثقافتی لین دین ہے جس سے اجتماعی شعور روح عصر میں ڈھلنا شروع کر دیتا ہے۔ یہ تماشا جو ناقد کی کھلی آنکھوں کے سامنے ہو رہا ہوتا ہے اور جسے وہ نئے زمانے میں افسانے کے تانے بانے کا حصہ بنتے صاف دیکھ رہا ہوتا ہے کیا وہ اسے افسانے کی تنقید سے الگ رکھ کر ادبی سطح پر درست نتیجہ اخذ کر سکتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس باب میں اگر اس کا تنقیدی اور ادبی شعور تازہ نہیں ہے تو اسے افسانہ اور افسانے کی تنقید سے پہلے اپنی حسیات کی تربیت اور تازگی کا اہتمام کرنا چاہیے ورنہ بہت خرابی ہو گی۔
اب اگر ہم جمالیاتی بعد کو فاصلاتی بعد کی بجائے، ان حوالوں سے دیکھیں جو فی الاصل اسے فکشن بنا رہے ہوتے ہیں تو اس کی درست درست قدر کا قیام اور شناخت ممکن ہو جائے گا۔ نئے زمانے تک آتے آتے ہمارے شعور نے پرانے تصور تخلیق میں شگاف ڈال دیے ہیں۔ اب افسانے کی ادبی قدر کا ادراک کرنے کے لیے اپنی حسوں کو نئے جمالیاتی بعد سے ہم آہنگ کرنا ہو گا۔ گزرے وقتوں میں جمالیاتی بعد کی عدم موجودگی یوں کھلتی نہ تھی کہ تب کہانی کا لوکیل ماضی میں رکھ کر فاصلاتی بعد سے قاری کو غچہ دینا آسان بلکہ کارگر فارمولا تھا۔ نئے عصر کی تیز بوچھاڑ میں بھیگتی ہوئی کہانی کو جانچنے والا جب تک یہ نہیں سمجھے گا کہ کسی بھی فن پارے میں جمالیاتی بعد محض اور صرف فاصلاتی بعد نہیں ہوتا تو وہ فن کار کے باطن سے کشید ہو کر فن پارے کی روح ہو جانے والی اس مقناطیسیت کو گرفت میں لے پائے گا جو اس تخلیق کا آہنگ بنا رہی ہوتی ہے۔ یاد رہے یہ آہنگ زبان کی سطح پر بھی کام کر رہا ہوتا ہے اور اس کے باطن میں معنیاتی سطح پر بھی اور مجموعی طور پر جمالیاتی طور پر بھی۔ تو یوں ہے کہ اس طرح کے اشارے اس مضمون میں موجود ہیں۔ 
(جاری)
محمد حمید شاہد
اسی طرح دیکھیے کہ ایک زمانے میں ٹکڑوں میں علامت کا ذکر کرنا اور تجرید کے نام پر مہمل تردیدیں اکٹھی کر لینا،  ہی افسانہ تھا یہی کٹی پھٹی علامتیں اور ان گڑھ قسم کا مہمل پن ادبی قدر ہوا اور سب نے اسی کو اصل افسانہ کہا۔ یہ محض تجربے کا التباس تھا تخلیقی تجربہ نہ تھا۔ ایک فیشن تھا تخلیقی عمل کا نتیجہ نہ تھا، مگر ہماری تنقید میں اتنی سکت نہ تھی کہ اصل اور نقل کو چھانٹ پھٹک کر الگ الگ کر پاتی کہ قدر کے اصول اس کے پاس تھے ہی نہیں،  اور اگر تھے تو ناقص۔
اسی طرح کسی فن پارے کی قدر نامیاتی وحدت ہو سکتی ہے۔ افسانے کی تنقید کے افسانے کو ایک تخلیقی اکائی کے طور پر دیکھنے کے،  مگر یا تو اس کے اندر سے شاعرانہ زبان کو تلاش کرنا مناسب جانا گیا یا پھر تنقیداس کے موضوع سے الجھ گئی۔ اسلوب ایک قدر ہے۔ کتنے ناقدین ہیں جنہوں نے افسانے میں کسی کے اسلوب کی بنیادیں تلاش کی ہوں۔ اور اگر کی ہوں تو وہ تخلیقی حوالوں سے ہوں،  فقط اسلوب کا التباس دینے والی نہ ہوں۔ یہ موضوع ایسا ہے کہ اس پر بہت کچھ کہا جانا چاہیئے افسانوں کی مثالیں دے دے کر،  اور اس پر تنقید کرنے والے کیا کیا گل کھلائے اسے نشان زد کر کے۔ کسی کے تخلیقی عمل نے اس کے فن پارے کو عمومیت سے کیسے بچایا،  کہیں ایسا تو نہیں کہ جسے ہم اسلوب سمجھ رہے ہیں وہ چند جملوں کی تکرار،  مخصوص زمانے سے اٹھائے ہوئے کرداروں اور شعری وسائل کے استعمال سے فضا بندی کے خارجی وسیلوں یا پھر کچھ علامتوں سے مسلسل وابستگی ہے جسے بہ ہر حال اسلوب نہیں کہا جا سکتا۔ اور کیا کہیں ایسا تو نہیں ہے کہ اسلوب کا جھانسہ دینے والا دراصل تخلیقی جوہر کی کمی کے عارضے کا شکار ہے اور اپنی اس کمزوری کو چھپانے کے لیے اس اسلوبیاتی ماحول میں پناہ لینے پر مجبور ہے۔ چنانچہ فن پارے کا معیار آنکنے کے لیے اس میں عصریت اور مابعد عصریت، طبیعیات اور مابعد طبیعیات، رواں اور ہمیشگی اور اسی طرح زمان اور لازمانیت کی امتزاجی شرح کو بھی دیکھنا ہو گا،  جس کا جو ہر تخلیق کار کی شخصیت کا لازمی تخلیقی آہنگ بناتا ہے اور جو فن پارے کے خارج میں نشان قائم کرنے کے بجائے اس کے داخل سے نور کی طرح پھوٹتا ہے۔ تو یہ ہے کہ اس طرح کی بہت سی باتیں ہیں جنہیں ہمارے ناقدین کو دیکھنا ہو گا۔ اسی سے کسی فن پارے کی اصل قدر کا تعین ہو پائے گا۔
محمد حمید شاہد
جناب بلال احمد آپ نے فرمایا تھا کہ "ہمارے ہاں نئے لکھنے والوں کا ذہن تخلیق کی جانب جلد اور زیادہ مائل ہوتا ہے بہ نسبت تحقیق و تنقید کے، آپ کے خیال میں اس کی کیا وجہ ہو سکتی ہے اور تنقید کی اہمیت اگر آپ کو نئے لکھنے والوں پر اجاگر کرنی ہو توکیسے کریں گے؟
اس باب میں میں یہ کہنا چاہوں گا کہ : 
پیارے بلال احمد، آپ نے تو مجھے یہ خبر سنا کر بہت خوش کیا۔ کیا واقعی نیا ذہن تخلیقی عمل کی طرف زیادہ مائل ہوتا ہے،  کہیں ایسا تو نہیں کہ تخلیق عمل کے التباس میں ایک میکانکی سطح کی سرگرمی کو ہی تخلیقی عمل سمجھ لیا گیا ہو۔ میں اس کی مثال یوں دوں گا کہ کہنے کو شاعری بہت ہو رہی ہے،  بہت کتابیں چھپ رہی ہیں،  کہ واقعی جو سامنے آ رہا ہے وہ سب تخلیقی عمل کا نتیجہ ہے یا ایک میکانکی سا عمل،  جس کے پیچھے تقلید، مرعوبیت اور اندھااکتساب مسلسل کام کر رہا ہوتا ہے۔ کتنے شاعر یا افسانہ نگار ہیں جو اپنے فن پاروں کا جواز لے کر آتے ہیں۔ خیر اگر میں آپ کی بات مان لوں، مجھے ماننا ہو گی کہ معتبر نام لے کر آپ مجھے قائل کر لیں گے، ان کے نام جن پر واقعی تخلیق کی دیوی مہربان ہے،  تو یقین جانیے مجھے اس کی پروا نہیں ہو گی کہ تنقید پیچھے رہ گئی ہے۔ تنقید کو تو چلنا ہی تخلیق کے پیچھے چاہیئے۔ جب سے اس نے تخلیق سے قدم آگے نکالنے کے دعوے کیے ہیں خود بھی نامراد ٹھہری ہے۔ ایک گورکھ دھندا،  محض تھیوری، صرف لسانی معاملہ،  ایک بجھارت اور ناحق الجھنوں کی پستک نہیں بلکہ اب تو یہ پشتارہ ہو گئی ہے۔ تنقید کو تخلیق کے ساتھ ساتھ چلنا ہو گا اور جب یہ رہبری کے دعوے چھوڑ کر اس کی تفہیم اور تعبیر کے جتن کرے گی تو خود بہ خود رہبر بھی ہو جائے گی۔ نوجوان نسل کو چاہیئے کہ وہ تخلیقات کو پڑھیں،  جو پہلے لکھا گیا اسے،  جو دنیا بھر میں لکھا جا رہا ہے اسے بھی اور معاصر ادب کو بھی،  پھر اس پر لکھی ہوئی تنقید کو بھی پڑھ لیں، جب ادب پڑھا ہو گا تو تنقید کہاں کہاں متعصب ہوئی،  یا خواہ مخواہ کی پپیاں دیتی پھرتی ہے، اسے آنکنا آ جائے گا ایسے میں تخلیقی عمل کے ساتھ جڑ کر لکھنا اور پورے شعور سے لکھنا ممکن ہو جائے گا۔
محمد حمید شاہد
جناب اسد ضیا کا سوال : کیا آپ کے خیال میں ترقی پسند تحریک نے اردو ادب میں کسی مثبت رجحان کو بھی جنم دیا ؟ اور اگر منفی اثرات مرتب کیے تو کیونکر۔ ذرا وضاحت سے بیان فرمائیے گا۔

اسد ضیا صاحب،  میں یہ نہیں کہوں کہ ترقی پسند تحریک نے اردو افسانے یا ادب پر محض منفی اثرات ڈالے۔ اس نے اردو ادب کو بہت کچھ دیا بھی مگر میں ایک الگ دھج سے سوچتا ہوں اور اخلاص نیت سے سمجھتا ہوں کہ تحریکیں تخلیقی مزاج کو تباہ کر دیا کرتی ہیں۔ دیکھیئے پریم چند کا معروف اَفسانہ ’’کفن‘‘ ۱۹۳۵ء میں منظر عام پر آیا تھا۔ یہی وہ سال بنتا ہے جب دُنیا بھر کے مختلف ممالک میں ترقی پسندوں کی تنظیم سازی ہوئی اب آپ اس افسانے کا تجزیہ کریں گے تو یہ نہیں کہہ سکیں گے کہ یہ عین مین ترقی پسندی کا منشور ہو جاتا ہے یا اس کے لیے مستقبل میں گائیڈ لائن فراہم کرتا ہے۔ میں اسے بڑا افسانہ مانتا ہوں مگر گھیسو جیسے کردار اور اس کے طرز عمل کہ وجہ سے اسے ترقی پسند افسانہ نہیں مانتا۔ سید سجاد ظہیر تعلیم کی غرض سے لندن میں تھے۔ سرمایہ داری اور اِشتراکیت کی کشمکش کے اس عہد میں اُس کے رابطے اشتراکیوں کے ساتھ تھے۔ اسی سال اُس نے پیرس میں منعقد ہونے والی’’ ورلڈ کانگریس آف رائٹرز فار ڈیفنس آف کلچر‘‘ میں شرکت کی اور اگلے برس کیمونسٹ پارٹی آف انگلینڈ کا رکن ہو کرہندوستان آیا تو انجمن ترقی پسند مصنفین وجود میں آگئی۔ ۱۹۳۶ء ہی وہ سال بنتا ہے جس میں اُردو کے پہلے اَفسانہ نگار علامہ راشد الخیری اور اُردو کے پہلے اَہم اَفسانہ نگار منشی پریم چند دونوں نے وفات پائی۔ مگر یہیں مجھے اس سے چند برس پہلے کے ایک اہم واقعے کا ذکر کرنا ہے جس کے اُردو اَفسانے پر اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ سجاد ظہیر جو لندن میں تھے۱۹۳۲ء میں تعطیلات کے دوران ہندوستان آئے اور احمد علی، محمودالظفر اور رشید جہاں کی مشاورت اور شراکت سے چند تحریروں کا انتخاب انگارے کے نام سے شائع کر دیا۔ انگارے بے شک سچ مچ کا دہکتا ہوا اَنگارہ تھا مگر ڈیڑھ سو سے بھی کم صفحات پر مشتمل اِس اَہم کتاب کی تحریروں میں تھا کیا سجاد ظہیر کے پانچ اَفسانے، احمد علی کے دواَفسانے، رشید جہاں کا ایک اَفسانہ اور ایک ڈراما، محمود الظفر کا ایک افسانہ۔ گویا بغیر دِیباچے کے اس اِنتخاب میں کُل نو اَفسانے شامل تھے۔ مانتا ہوں کہ اِن افسانوں کی اِس اِنتخاب کی صورت میں اِشاعت کے بعد اُٹھنے والے ہنگامے نے اصل کام کیا ورنہ حقیقت تو یہ ہے کہ بعد میں صرف احمد علی ہی نے اَفسانہ نگار کی حیثیت سے شناخت بنائی جب کہ انتخاب میں شامل اُن کا افسانہ " مہاوٹوں کی رات"پہلے ہی "ہمایوں" میں شائع ہو چکا تھا اور اُن کا دوسرا اَفسانہ"بادل نہیں آئے" عجلت میں لکھی ہوئی ایک تحریر تھی۔ہاں یہ ضرور ہوا کہ اچھا لکھنے والوں کا گروہ اس کے ساتھ ہو لیا تھا۔ لیکن بغور مطالعہ کریں گے تو آپ کو اعتراف کرنا پڑے گا ان سب کے تخلیقی رجحانات قطعاً ایک رُخ پر نہیں تھے۔ اور ان مختلف الخیال تخلیق کاروں کے تخلیقی رویے بھی مختلف نکلے مثلاً کرشن چندر کے افسانوں کو پڑھ جائیے چاہے وہ" خیال" اور" نظارے" کے اَفسانے ہوں یا "ٹوٹے ہوئے تارے"، "سفید پھول "اور" اَن داتا"کے، جہاں کہیں رومان حقیقت سے بہم ہو کر فضا بندی کر رہا ہوتا ہے وہاں واقعیت آتی ضرور ہے مگر حاوی نہیں ہوتی۔ ایک اور بات جو کرشن چندر کے ہاں محسوس کی جا سکتی ہے وہ یہ ہے کہ اس کے ہاں انفرادی کردار، اجتماعی معاملات سے کہیں زیادہ توجہ پاتے ہیں۔ یقین نہیں آتا تو "متی"اور" کالو بھنگی" جیسے افسانے پڑھ لیجئے۔ اسی طرح سوال یہ ہے کہ کیا راجندر سنگھ بیدی ترقی پسندوں کی عطا ہے یا بیدی نے ترقی پسندوں کے وقار کو قائم کیا۔ 
(جاری)
محمد حمید شاہد
میں جب بھی تحریکوں سے الگ ہو کر سوچنے کی بات کرتا ہوں تو اس کا سبب یہ ہوتا ہے کہ میرے فلکِ ذہن پر ایکا ایکی راجندر سنگھ بیدی اور سعادت حسن منٹو کے روشن نام ایک ساتھ جگمگانے لگے ہیں۔ میں اُن کی سمت دیکھتا ہوں، مسلسل دیکھتا ہوں، اور تسلیم کرتا ہوں کہ اُردو اَفسانے کے ناتواں جسد میں جس طرح ان دونوں نے نئی روح پھونک دی اسے ذہن میں رکھ کر خارج میں چلنے والی تحریکوں کا تصور باندھا ہی نہیں جا سکتا۔ بیدی کو فارمولا کہانی لکھنے والوں پر طیش آتا تھا۔ اُس نے جب ہر طرف ایک جیسی فارمولا کہانیوں کا ڈھیر دیکھا تو کہا تھا "کہانی تو لکھی ہی نہیں جا رہی ہے۔ وہی گھسی پٹی باتیں، وہی سیاسی خیالات، کچھ امیر غریب کے جھگڑے۔ بس یہی کچھ لے دے کر کہانی مکمل ہو جاتی ہے۔ بہت ہوا تو کہانی کا پس منظر بدل دیا۔ " ہمارے ناقدین کہتے نہیں ہچکچاتے کہ ترقی پسند تحریک کی سب سے بڑی عطا یہ ہے کہ اُس نے اُردو ادب کو بیدی جیسا بڑا اَفسانہ نگار دیا۔ بیدی بھی اس تحریک کو بہت مانتا تھے تاہم نریش کمار شاد کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا تھا"میرے نزدیک ترقی پسندی کا وہ مفہوم نہیں جو میرے چنددوستوں کا ہے۔ میں کسی کو اِس بات کی اِجازت نہیں دے سکتا کہ وہ میرے لیے قانون وضع کرے یا کسی طرح سے میری حد بندی کرے۔" تو اس طرح کہہ لیں کہ بیدی نے حد بندیاں توڑیں اور سُرخُرو ہوا۔ جب کہ منٹو کا قصہ یہ ہے کہ اسے تو خود ترقی پسندوں نے رجعت پرست قرار دیا تھا۔ منٹو شروع میں اِنقلابی حقیقت نگاری کی طرف ضرور متوجہ رہا اور پورے خلوص سے رہا مگر بہت جلد وہ زندگی کے سنگین حقائق کے مقابل ہو ا۔ اپنے افسانوں کے مجموعے"چغد"کے دیپاچے میں اُس نے لکھا ہے 
"اس کتاب کا اَفسانہ "بابو گوپی ناتھ"جب"ادب لطیف"میں شائع ہوا تو میں بمبئی میں تھا۔ تمام ترقی پسند مصنفین نے اس کی بہت تعریف کی۔ اس کو اس سال کا شاہکارافسانہ قرار دیا۔ علی سردار جعفری،عصمت چغتائی اور کرشن چندر نے خصوصاً اس کو بہت سراہا"ہل کے سائے "میں کرشن نے اس کو نمایاں جگہ دی۔ مگر یکایک خدا معلوم کیسا دورہ پڑا کہ سب اِس اَفسانے کی عظمت سے منحرف ہو گئے۔ شروع شروع میں دَبی زبان میں اِس پر تنقید شروع ہوئی،سرگوشیوں میں اِس کو بُرا بھلا کہا گیا۔ مگر اَب بھارت اور پاکستان کے تمام ترقی پسند ممٹیوں پر چڑھ کر اِس اَفسانے کو رجعت پسند،اِخلاق سے گرا ہوا،  گھناؤنا اور شر انگیز قرار دے رہے ہیں۔ "
پھر وہ وقت بھی آیا جب ممٹیوں پر چڑھ کر اُچھلنے والوں نے منٹو کا بائیکاٹ کر دیا۔ تو یہ ہے منٹو کی ترقی پسندی کا قصہ۔ فیض نے جس طرح رومان اور حقیقت کو بہم کر لیا تھا وہ ترقی پسندوں کو کہاں ہضم ہو رہا تھا،  مگر فیض کی شخصیت ایسی تھی کہ ان کا کسی پر اپنوں کی تنقید،  اسے اور محبوب بنا گئی۔ خیر یہ تو تخلیقی سطح پر تلخ سچائیاں ہیں مگر اس سب کے باوجود یہ تسلیم کیا جانا چاہیئے کہ جس طرح سیلاب آتا ہے اور نئی زرخیز مٹی سارے میں بچھاتا نکل جاتا ہے،  اسی طرح ہمارے ادب میں موضوعات کی کشادگی آئی۔ ادب کے لیے نچلا طبقہ مسئلہ بنا اور یہ ان سے کلام بھی کرنے لگا۔ میں اسے زبان اور ادب دونوں پر ترقی پسندتحریک کا فیضان مانتا ہوں۔ 
محمد حمید شاہد
محترمہ حمیدہ شاہین آپ کا سوال تھا "فن اپنی دیگر خصوصیات کے ساتھ ساتھ اظہارِ ذات کا وسیلہ بھی ہوتا ہے، ۔ آپ افسانہ نگار ہیں،  آپ نے نثری نظم کو بھی اپنایا،  تنقید میں بھی آپ کا قلم رواں ہے،  آپ کونسی صنف میں اپنے تئیں اظہارِ ذات کے زیادہ امکانات محسوس کرتے ہیں ؟ اور اس کی وجہ کیا ہے"
محترمہ حمیدہ شاہین، میں اوپر بتا آیا ہوں کہ فکشن مجھے بہت محبوب ہے اور اس میں بھی بہ طور خاص افسانہ۔ اسی میں میں اپنی تخلیقی امکانات کو بہتر طور پر کھنگال سکتا ہوں۔ میری تنقید دراصل تخلیقی عمل کو سمجھنے کی ایک سرگرمی ہے۔ میں اس جانب بھی ایک تخلیق کار کے طور پر جاتا ہوں۔ نثم میں نے لکھی اور اس کی کتاب " لمحوں کا لمس" کے نام سے چھپی بھی۔ پھر بشیر حسین ناظم اور پرو فیسر شوکت واسطی نے اسے انگریزی میں ترجمہ بھی کر ڈالا مگر اب یہ میری تخلیقی ترجیحات میں نہیں رہی۔ وجہ ؟ یہ عجب سوال ہے اور اس کا جواب شاید ڈھنگ سے دیا بھی نہیں جا سکتا۔ اس بابت میں تخمینے ہی لگا سکتا ہوں۔ شاید یہ صنف بچپن سے میری گھٹی میں پڑی ہوئی تھی۔ میں نے اپنے افسانوں کے پہلے مجموعہ"بند آنکھوں سے پرے" میں لکھا تھا کہ جب میری ماں نے میرے ماتھے پر پہلی بار بوسا دیا تھا اور رد عمل میں میرا دوران خون بڑھ گیا تھا،  تب بھی افسانہ پاس ہی کہیں موجود تھا،  میری ماں کی گود میں لیٹا ہوا،  میرا دودھ شریک۔ تب اس نے میرے مسرت سے پھولتے بدن کو دیکھا تھا تو قہقہے مار کر ہنسا تھا۔ یہ وہ افسانے کی آواز تھی،  جو میں نے پہلی بار سنی تھی،  محسوس تو شاید ماں کی کوکھ میں ہی کر چکا تھا،  یا شاید ابھی تھا ہی نہیں تب بھی۔ وقت گزرتا رہا تو کہانی کی شباہت میرے اندر سما گئی اب میں اس سے کم پر راضی نہ تھا۔ یہی صنف میرے وجود کو،  میرے احساس اور میری الجھنوں اور دکھ سکھ کو کلاوے میں بھر سکتی تھی سو اس کا اسیر ہوا اور باقی اصناف چھوٹتی چلی گئیں یا ترجیحات میں نیچے ہو گئیں۔ 
محمد حمید شاہد
اب مجھے دیکھنا ہو گا کہ کون سا سوال ابھی رہتا ہے۔ 
سید ضیاالدین نعیم
بجلی۔ ۔۔ کم بخت۔ ۔۔ حسب معمول۔ ۔ راہ دوست میں دیوار ہو گئی تھی۔ ۔۔ ابھی ابھی دوبارہ شامل محفل ہوا ہوں۔ ۔۔۔ محترم حمید شاہد صاحب کی گفتگو کیا تھی ایک سیل رواں تھا جو نہایت سبک روی سے ہمیں ساتھ ساتھ بہائے لیے جا رہا تھا۔ ۔۔۔۔ بہت کچھ حاصل ہوا۔ ۔۔۔۔۔ ہمارے سعود صاحب بھی کیا کیا منفرد آیٔیڈیاز لا تے ہیں۔ ۔۔۔۔۔ یہ شعر اُن کی نذر ہے
سندر،  سندر،  نیارے،  نیارے۔ ۔ ہاتھ لگائے میلے ہوں
سوچ کے ایسے موتی لائے ہم گہرے پاتالوں سے
( اسلم یوسفی )
محمد حمید شاہد
علی زبیر صاحب آپ کا سوال،  نہیں بلکہ کامنٹ تھا کہ
" میرا ایک مختصر سوال ہے کہ اس پورے انٹرویو میں مجھے ایک ناقد،ایک فلسفی،افسانے کا ایک استاد تو نظر آتا ہے مگر کہیں بھی مجھے کہانی کار، فتنہ پرداز تخلیق کار نظر نہیں آیا۔۔کیا وجہ ہوسکتی ہے؟"
اس باب میں میرے دوست میں کیا کہہ سکتا ہوں،  افسانہ نگار تو آپ کو افسانوں میں ہی نظر آئے گا۔ پچاس ساٹھ تو نیٹ پر ہی مل جائیں گے،  مجھ افسانہ نگار سے ملنے کے لیے آپ کو وہ پڑھنا ہوں گے۔ 
محمد حمید شاہد
نسیم سید جی کا سوال ذرا مختلف تھا۔ بہ قول ان کے " میں "حرف کا ر" اور تسطیر "کے علا وہ " حاشیہ " پر بھی بہت پا بندی سے حاضری دیتی ہون "کیونکہ وہاں پو سٹ کی جا نے وا لی نظموں کے ہر مصرع ہر سطر ہر لفظ کی پرتیں ادھیڑ کے دیکھی اور دکھا ئی جا تی ہیں۔ا یسی مباحث تو ہمیں علمی اداروں میں بھی نصیب نہیں ہوتیں جو و ہاں میسر آ تی ہیں۔۔مگر کئی معروف ادبی شخصیتوں کا فیصلہ یہ ہے کہ فیس بک پر پیش کی جا نے وا لی کسی تخلیق، تنقید یا تعریف کی کو ئی ادبی حیثیت نہیں۔ تو کیا ہم حاشیہ، تسطیر، حرف کا ر اور ایسی ہی دیگر فورمز کو وقت کا زیاں سمجھیں ؟ آپ کی اس حوا لے سے کیا رائے ہے؟ دقیق علمی گفتگو جو فیس بک پر ہو تی کیا وہ سنجیدہ ادب کے دائرےسے خارج ہے؟"
محترمہ نسیم سید ! آپ نے درست کہا کہ بالعموم ای مکالموں کی نوعیت شخصی جھگڑوں، سطحی تبصروں اور گروہ بندی کا شاخسانہ ہو کر ادب کہلانے کے لائق نہیں ہوتی مگر کیا اس ٹیکنالوجی کا یہ نیا وسیلہ ایسے ہی چھچورے لوگوں کے لیے ہے اور اسے ان ہی سطحی لوگوں،  تماش بینوں یا لذت پرستوں کے لیے مختص کر دینا چاہیئے۔ ؟ میرا خیال ہے کوئی بھی سمجھ بوجھ والا اور " ادبی شخصیات" بھی اس کے جواب میں "جی" نہ کہہ پائیں گی۔ مجھے یہاں راجندر سنگھ بیدی کا اَفسانہ "بھولا" یاد آتا ہے،  اِس افسانے میں،  بیوہ ہو جانے والی مایا کو اپنے بھائی جب کہ ننھے بھولے کو اپنے ماموں کا انتظار ہے۔ بھولا ماں سے گیتا اس لیے سنتا کہ اسے کہانیاں سننے کا چسکا تھا۔ اسی شوق میں اپنے دادا کے پیٹ پر چڑھ کر بیٹھ جاتا اور یہ بھی نہ دیکھتا، دن ہے یا رات کہ اسے ہر حال میں کہانی سننا ہوتی تھی۔ جب کہ دادا رات کو کہانی سنانا پسند کرتے تھے۔ خیر،ایک رات یوں ہوا کہ دن بھر کے تھکے ہوئے دادا آسمان کے ایک ستارے کو دیکھتے دیکھتے سو گئے۔ اٹھے تو بھولے سے شرمندہ۔ اسی احساس کے زیر اثر دوپہر میں کہانی سنانے کا وعدہ کر لیا۔ دوپہر کو بھی فرصت نہ ملی تو بہانہ کیا،  کہ بچے، دن کو کہانی سنانے سے مسافر راستہ بھول جاتے ہیں۔ تاہم انہیں کہانی سنانا ہی پڑی۔بھولے نے کہانی سنی اور اس کا ماموں راستہ بھول گیا۔ کہانی کے آخر میں یوں ہوتا ہے کہ بھولے ہوئے ماموں کو راستہ دکھانے کے لیے بھولا خود روشنی لے کر پہنچ جاتا ہے۔
عین ایسے زمانے میں کہ بچے،  اور اس کے ماموں کے پاس نیا سیل ہو "جی پی ایس"والا،  اور وہ اپنے اپنے سسٹم پر ڈاؤن لوڈ کیے گئے گوگل میپس والی اپلی کیشن کے ذریعہ،  اپنی اور اپنے ماموں کے مقام اور سمت کا تعین کر سکتے ہوں تو دادا کی کون سی کہانی ہے جو ٹیکل دوپہر میں سنائی جائے گی اور ماموں کا راستہ کھوٹا کر دے گا۔ یہاں بھی تو روشنی ننھے بھولے کے پاس ہے۔ 
(جاری)
محمد حمید شاہد
اچھا، اسی سے جوڑ کر انتظار حسین کا نقطہ نظر بھی دیکھ لیں۔ آپ انہیں بھی ان بزرگوں میں سے رکھ سکتے ہیں،  جنہیں نئی ٹیکنالوجی کے لچھن کھلتے ہیں، تو اس کی ہر تار کاٹ دینا چاہتے ہیں۔ ادب اورسماعی روایت پر بات کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ قدیم زمانے کے الاؤ سے لے کر نانی اماں کی انگیٹھی تک کہانی کی تاریخ اسی طرح چلی ہے کہ دلی اور لکھنو میں گلاب اور کیوڑے سے مہکتی محفلوں میں سنائی جاتی تھی۔ جب وقت نے کروٹ بدلی انہوں نے یہاں تک کہہ دیا "اور اب میری سمجھ میں آ رہا ہے کہ اُس زمانے سے اِس زمانے تک آتے آتے کہانی کے ساتھ واردات کیا گزری ہے۔ اس کے دو بڑے دشمن پیدا ہو گئے۔ بجلی کی روشنی اور پرنٹنگ پریس۔ بجلی کی روشنی نے رات سے اس کا بھید بھرا اندھیرا چھین لیا ہے جس میں کہانی اپنا جادو جگاتی تھی۔ کہانی آگے کہی جاتی تھی، اب لکھی جاتی ہے۔ آگے دن میں کہانی سنانے پر مسافر راستہ بھولتے تھے۔ اب خود کہانی راستہ بھول گئی ہے۔"
انتظار نے ادب کی جس سمعی روایت کے دشمن کے طور پر بجلی کی روشنی اور پرنٹنگ پریس کو لیا وہ کیا حلق سے اتر پاتی ہے؟ دیکھئے، انتظار حسین جانتے ہیں کہ وہ کہانیاں جو عالم بالا میں سنائی گئی تھیں، شو جی سنایا کرتے تھے، پاربتی سنا کرتی تھیں اور جو بعد میں راجہ کو سنانے کے لیے قلمبند ہو گئیں انہی سے کہانی کی روایت آگے بڑھی۔ بجلی کی روشنی میں اور پرنٹنگ پریس کے وسیلے سے کہانیوں کو ایک زمانے سے دوسرے زمانے میں اور ایک زبان سے کئی زبانوں میں منتقل ہوتے دیکھا گیا۔ خود انتظار کو کہانی بجلی کی روشنی میں لکھنا پڑی ہے، اور چھاپے چڑھانا پڑی ہے۔ سو یہ جو سننے سنانے اور پڑھنے پڑھانے کے نئے چلن آتے ہیں انہیں برا کہہ کر بھی ہم ان سے کنی کاٹ کر نہیں نکل سکتے۔ یہ اب حقیقت ہیں،  جس طرح سورج آسمان پر چمک رہا ہوتا ہے، اسی دوپہر میں ہمیں ادب لکھنا اور اس پر مکالمہ قائم کرنا ہے۔ تاہم ہمیں اس کے لیے نئے ضابطے اور اصول وضع کرنا ہوں گے مثلاً، 
مستند ادبی سائیٹس کا اہتمام،  جن پر تخلیقات ای بکس کی صورت میں موجود ہوں 
مستند ادبی جریدے،  جن میں تازہ تحریریں،  مدیر کی چھان پھٹک کے بعد شایع ہوں 
مستند ادبی فورم،  جس میں صرف سنجیدہ ادیب ہی ممبر بنائے جائیں،  ان فورمز کے قوانین و ضوابط پر سختی سے عمل میرا خیال ہے،  اگر ہم اس کا اہتمام کر پائیں( اور ہمارے ادیب کی بورڈ سے اسی طرح مانوس ہو جائیں، جس طرح وہ قلم اور کاغذ سے ہیں) تو کوئی وجہ نہیں کہ یہ اہم وسیلہ ادب کی تخلیق اور فروغ میں معاون نہ ہو۔ یاد رہے اب بھی ایسے جزیرے موجود ہیں جہاں بہت اعلی روایات قائم ہو چکی ہیں، "حرف کار" کی مثال سامنے ہے۔ "حاشیہ" کی مثال آپ نے دی،  اعجاز عبید والی ای لائبریری اور کئی دوسری سائیٹس۔ اچھا،  وہ جو حاشیہ پر نظم مکالمہ چل رہا ہے، راشد، فیض،میراجی، مجید امجد سے لے کر ضیا جالندھری،ستیہ پال آنند،علی محمد فرشی، جاوید انور،ابرار احمد، انوار فطرت، یامین اور رفیق سندیلوی تک کی نظموں پر بات ہوئی ہے،  یہی بزرگ انہیں چھپی ہو ئی کتاب کی صورت میں دیکھیں گے تو وہ نہ کہہ پائیں گے جو ادھر ادھر لوگوں کے کان میں کہے جاتے ہیں۔ 
 "کہانی اور یوسا سے معاملہ" آغاز میں کاغذ قلم سے نہ لکھی گئی اور نہ براہ راست چھاپہ خانہ بھیجی گئی کتاب تھی۔ میں اسلام آبا د پاکستان میں تھا اور محمد عمر میمن میڈیسن امریکہ میں ہمارے درمیان ای میلز کے ذریعہ مکالمہ چلا، تو کتاب جتنا مواد ہو گیا۔ محمد عمر میمن نے اسے مفید جان کر مرتب کر دیا اوریوں کتب چھپ گئی کہہ لیجئے یہ پہلی کتاب ہو گئی جو ای مکالمہ سے وجود میں آئی۔ 
اچھا، اب کتاب چھپنے کی لاگت اوراس کی مقرر کی جانے والی قیمت نے قاری کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ ای لائبریریوں کی جانب رجوع کرے۔ 
اب ٹیبس کا زمانہ ہے اور ای بکس کو یہ نئی ڈیوائس یوں پڑھواتی ہے جیسے آپ کتاب چھاتی پر رکھ کر اور لیٹ کر ورق ورق پڑھ رہے ہوں۔ میں اپنے سیل پر کتاب ڈاؤن لوڈ کر کے سفر میں پڑھ سکتا ہوں اور اپنے دوست کو تحفہ بھی دے سکتا ہوں،  ایسے میں ان سہولتوں سے منہ پھیرنا دراصل ادب کے راستے میں روڑے اٹکانے کی مصداق ہو گا۔
سید ضیاالدین نعیم
"یہ جو سننے سنانے اور پڑھنے پڑھانے کے نئے چلن آتے ہیں انہیں برا کہہ کر بھی ہم ان سے کنی کاٹ کر نہیں نکل سکتے۔ یہ اب حقیقت ہیں،  جس طرح سورج آسمان پر چمک رہا ہوتا ہے "( حمید شاہد )
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کیا کہنے جناب۔ ۔۔
محمد حمید شاہد
عظمیٰ سلیم صاحبہ نے پوچھا تھا کہ
 "ایک عام تاثر یہ ہے کہ لکھنے والے کسی ایک خاص صنف میں اپنا نام پیدا کرتے ہیں۔ اس کے برعکس آپ کی حیثیت بہ طور افسانہ نگار، تنقید نگار، اور شاعر تینوں شعبوں میں مسلم ہے۔ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ کوئی لکھنے والا مختلف اصناف میں انصاف کر سکتا ہے؟ اگر ایسا ہے تو نئے لکھنے والوں کو اپنے تجربے کی روشنی میں بتائیے کہ وہ کیسے مختلف اصناف میں طبع آزمائی کرتے ہوئے توازن برقرار رکھ سکتے ہیں؟"
ڈاکٹر عظمٰی صاحبہ،  جو آپ نے فرمایا عام طور پر یہی سمجھا جاتا ہے۔ اور اگرسچ پوچھیں کہ محدود تخلیقی صلاحیت رکھنے والوں یا پھر ترجیحات کے معاملہ میں بہت حساس تخلیق کاروں کے حق میں یہی بہتر ہوتا ہے۔ شاید آپ کی نظر سے میرا وہ مضمون گزرا ہو جو احمد ندیم قاسمی کی افسانہ نگاری کے حوالے سے لکھا گیا تھا،  اس میں میں نے کہا تھا کہ " ایک سے زیادہ تخلیقی جہات رکھنا میری نظر میں ایک غیر معمولی عطا ہے اور قاسمی غیر معمولی تخلیق کار تھا۔" شاعر اور افسانہ نگار کی دونوں حیثیتیں انہوں نے اپنے تخلیقی امکانات تک خوب نبھائیں،  یعنی اگر وہ محض شاعر ہوتے تو بھی اسی کینڈے کے ہوتے اور صرف افسانہ لکھتے تو اسی طرح اور اسی مزاج کا ہوتا۔ لگ بھگ دوسرے غیر معمولی صلاحیتیں رکھنے والے ادیبوں کا بھی ایسا ہی معاملہ ہے۔ شمس الرحمن فاروقی نے تنقید لکھی اور اب فکشن لکھ رہے ہیں۔ وزیر آغا نے نظم لکھی اور تنقید بھی۔ تاہم کبھی کبھی آپ اپنی ترجیحات اور تخلیقی مزاج کے تحت ایک صنف سے وابستہ ہونا چاہتے ہیں اور،  ایک روشن صبح کو فیصلہ کر لیتے ہیں کہ میں افسانہ نہیں لکھوں گا تنقید لکھوں گا۔ آپ با صلاحیت ہیں یہ مانی ہوئی بات ہے مگر آپ کی ترجیحات میں افسانہ ثانوی ہو گیا۔ اس باب کی مثال حسن عسکری کی صورت میں ہمارے سامنے ہے۔ اچھا جو ایک صنف میں لکھتے ہیں اور اسی کے ہو رہتے ہیں،  اس میں کمال حاصل کرتے ہیں اور الگ مزاج بنا لیتے ہیں تو منٹو، بیدی اور غلام عباس بن جاتے ہیں ایسے اگر تنقید لکھیں گے بھی تو چوں کہ ان کی ترجیحات میں بہت نچلے درجہ پر ہو گی،  وہ پذیرائی حاصل نہ کر پائے گی جو انہیں تخلیقی میدان میں ملی۔ لیکن اس سب کے باوجود میں اس بارے میں وہی کہوں گا جو بیدی نے کہانی کی بابت کہا تھا،  اس کا کلیہ یہ ہے، کہ اس کا کوئی کلیہ نہیں ہے۔ تاہم لکھتے ہوئے خود آدمی کو احساس ہو جاتا ہے کہ کیا وہ ایک جون سے دوسری جون میں بہ سہولت جا سکتا ہے یا نہیں۔ اگر تو آپ اتنے دباؤ میں ہوں کہ وہ آپ کو کافکا کے "میٹا مارفوسس" کا" کاکروچ" بنا رہا ہو یا آپ کو خدشہ ہو کہ انتظار کے "کایا کلپ" والے شہزادہ آزاد بخت کی طرح وہ وقت آن لگا ہے کہ آپ مکھی کی جون میں گئے تو واپس نہ آ پائیں گے تو مناسب یہی ہے اس جون میں رہیں جو فطرت نے آپ کو ودیعت کی ہوئی ہے۔ 
اب رہا میرا معاملہ،  تو یوں ہے میں ادھر ادھر کئی اصناف کی وادیوں اور گھاٹیوں میں سرگرداں رہا ہوں۔ تاہم میں نے تاریخ پر لکھنا چھوڑ دیا، شاعری کو خیر باد کہا، ایک زمانے میں انشایئے بھی لکھے اب سمجھتا ہوں کہ یہ تخلیقی صنف ہے ہی نہیں۔ فکشن میری ترجیحات میں سب سے اوپر ہے اور تخلیقی لمحوں کی گرفت میں ہوتا ہوں تو باقی اصناف کیا بیوی بچے،  سب بھول جاتے ہیں۔ ایسے میں مجھے کوئی خنجر بھی مار دے تو اس کیفیت سے نہ نکل پاؤں گا۔ 
فکشن اور شاعری میں بہت پڑھتا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ اسےپڑھ کر ایک تو آپ ایک الگ کیفیت سے لطف اندوز ہو رہے ہوتے ہیں اور دوسرے آپ وہ علاقے بھی نشان زد کر رہے ہوتے ہیں جہاں جہاں سے فکشن کو شاعری بننے سے بچایا جا سکتا ہے۔ تو یوں ہے کہ پڑھنا میری تخلیقی ضرورت ہے۔ 
یوں دیکھیں تو محض فکشن ہی ایسی تخلیقی صنف رہ جاتی ہے جو میرے وجود کو اپنی گرفت میں رکھتی ہے۔ تنقید اس طرح کی تخلیقی سرگرمی نہیں ہے،  تاہم جو میں پڑھتا ہوں اس پر ٹوٹا پھوٹا اظہار،  مگر خلوص کے ساتھ،  کرتا رہتا ہوں۔ یہ میرے وقت کے ان کھانچوں کو بھر دیتی ہے جن میں تخلیق مجھ پر مہربان نہیں ہوتی۔ میں سمجھتا ہوں،  یہ لمحات اگر پڑھنے یا لکھنے میں نہ صرف ہوتے تو بانجھ چلے جاتے۔ 
اچھا ایک اور پہلو بھی لائق توجہ ہے کہ لکھنے والے کو اپنے تخلیقی مزاج کو سمجھنے کے جتن بھی کرتے رہنا چاہئیں اگرچہ ہم اس باب میں محض گمان ہی باندھ سکتے ہیں تاہم ایسا کرنے سے،  تخلیقی عمل کی سچائی کو آنکنے کی طرف مائل رہا جا سکتا ہے،  یہ عمل بھی مجھ سے تنقید لکھواتا رہتا ہے۔ 
سید ضیاالدین نعیم
آج کل خواتین افسانہ نگاروں پر کام کر رہی ہوں۔ جس افسانہ نگار کا جتنا بڑا نام ہے، جتنی acclaimed writer ہیں، وہاں یہ احساس ہوتا ہے جیسے وہ چاہتی ہیں کہ اُن کا قاری بھی اتنا ہی پڑھا لکھا ہو، اور افسانے کو، اُس کے اختتام کو از خود ہی سمجھ لے۔ مشلاً خالدہ حسین۔۔ ایسا کیوں ہے؟( عنبرین صاحبہ۔۔ بہت عمدہ سوال ہے )
عنبرین صلاح الدین
شکریہ ضیا صاحب۔ جواب کا انتظار ہے۔ نہایت مفید گفتگو ہو رہی ہے۔
محمد حمید شاہد
شکریہ،  سید ضیاالدین نعیم صاحب،  آپ نے عنبرین کے سوال کے حوالے سے میری مدد کی
سید ضیاالدین نعیم
"کہیں ایسا تو نہیں کہ تخلیق عمل کے التباس میں ایک میکانکی سطح کی سرگرمی کو ہی تخلیقی عمل سمجھ لیا گیا ہو۔ میں اس کی مثال یوں دوں گا کہ کہنے کو شاعری بہت ہو رہی ہے،  بہت کتابیں چھپ رہی ہیں،  کہ واقعی جو سامنے آ رہا ہے وہ سب تخلیقی عمل کا نتیجہ ہے یا ایک میکانکی سا عمل،  جس کے پیچھے تقلید، مرعوبیت اور اندھااکتساب مسلسل کام کر رہا ہوتا ہے۔ "  (حمید شاہد صاحب) خوب محترم خوب۔
عنبرین صلاح الدین
آپ کے سوال کا جواب اوپر کومنٹس میں موجود ہے۔ سید ضیاالدین نعیم
محمد حمید شاہد
 عنبرین جی،  خالدہ حسین کا شمار اُن اَفسانہ نگاروں میں کیا ہی نہیں جاسکتا جو اَپنے اِدھر اُدھر بکھرے ہوئے مظاہر زندگی کے ملائم اور چکنے حصوں پر پھسلتے اور پھیلتے رہتے ہیں اور نہ ہی یہ اُن لوگوں میں سے ہے جو تلخ زندگی کے خارجی نوکیلے اور کھردرے حصوں پر ہی سر کو پھوڑ لینے کو تخلیقیت گردانتے ہیں۔ خالدہ حسین کا مُعامِلہ یہ ہے کہ وہ مادی تفہیم سے آگے نکل جاتی ہے اور زِندگی کے ہر مظہر کے باطن اور خارج میں جاری واقعے کی ہر لہر کی روح پر دستک دے آتی ہے۔ وہ مسلسل اِس کوشش میں رہتی ہے کہ تہہ میں اُترے اور نظر آنے یا محسوس ہونے والے کی ماہیت اور اَصل کو پالے۔ خالدہ حسین کے اَفسانوں کا پہلا مجموعہ ’’پہچان‘‘ ۱۹۸۱ء میں شائع ہوا تھا۔ ’’دروازہ‘‘ کی اِشاعت کے بعد اُس کے اَفسانے پر قبولیت اور پہچان کا دروازہ کھل چکا تھا اور لطف یہ ہے کہ اَبھی تک اُس کا قلم اسی طرح مختلف کہانی لکھے چلا جا رہا ہے۔ کہانی ’’سلسلہ‘‘ میں دِید کے ساتھ نا دِید کا بھید بہت پُر لطف ہو جاتا ہے۔
مثلاً اس افسانے میں دیکھئے 

’’ہاں سب کچھ پنکی کے لیے گردش میں تھا۔ مگر خود اس کے لیے ہر شے جامد اور بے جان تھی۔ کوئی کسی کی دید میں شامل نہیں ہو سکتا۔ کوئی کسی کے حال کا ساجھی نہیں ہو سکتا۔ سب اپنے اپنے دائرے میں تیرتے ہیں۔ تو پھر ہر ایک کی حقیقت الگ ہے۔ اس وقت بھی اس نے سپاٹ بے داغ چھت کو نگاہوں سے چاروں کھونٹ کھنگال ڈالا۔ اَب وہاں پر کچھ بھی نہ تھا۔ ہوتا بھی تو وہ صرف اس کے لیے تھا۔ وحید کے لیے، کسی کے لیے بھی نہ تھا۔ چنانچہ وہ کھیلتے چھپتے حروف، وہ ابجد صرف اس کی دید تھے۔
اس نے فیصلہ کیا کہ اب وہ کسی سے بات نہ کرے گی۔ اور وُہ اِسی طرح دَبے پاؤں،وقت بے وقت چلے آتے۔ خالی شفاف پس منظر میں۔ جُوں جُوں وہ اَپنی نگاہ فاصلے پر مَرکُوز کرتی چلی جاتی،ان کا حجم بڑھتا چلا جاتا۔ ان کی گولائیاں اور مخروطی لکیریں کسی پختہ ہاتھ کی کاریگری تھی۔ وہ کیا کہتے تھے۔ ایک لرزش سر سے ہوتی پاؤں کے انگوٹھے تک پھیل جاتی۔ صرف میں۔ میں ہی کیوں۔ اور پھر یہ بھی تو نہیں کہ اصل میں شے کیا ہوتی ہے اور ہمیں کیا نظر آتی ہے۔"
(سلسلہ/خالدہ حسین)
خالدہ حسین کو سمجھنے کے لیے ان کے تخلیقی چلن کو سمجھنا ہو گا۔
سید ضیاالدین نعیم
بہت شکریہ عنبرین۔ ۔۔ دیکھتا ہوں۔ ۔ جیتی رہیے
محمد حمید شاہد
تاہم میں یہ نہیں کہوں گا کہ باقی خواتین کے ہاں بھی اس طرح کا بھید زندگی کا حصہ بنتا ہے۔ بالعموم دیکھا گیا ہے کہ خواتین کا مشاہدہ بہت بھر پور ہوتا ہے اور وہ تفصیل کاری اور جزئیات نگاری کی طرف مائل ہوتی ہیں۔ خالدہ کے حصہ میں زندگی کا جو تجربہ آیا اس نے انہیں باہر کے مشاہدے کی بجائے باطن کی طرف مائل کر دیا۔ 
عنبرین صلاح الدین
بہت شکریہ حمید شاہد صاحب۔ :)
سید ضیاالدین نعیم
یہ تسلیم کیا جانا چاہیئے کہ جس طرح سیلاب آتا ہے اور نئی زرخیز مٹی سارے میں بچھاتا نکل جاتا ہے،  اسی طرح ہمارے ادب میں موضوعات کی کشادگی آئی۔ ادب کے لیے نچلا طبقہ مسئلہ بنا اور یہ ان سے کلام بھی کرنے لگا۔ میںاسے زبان اور ادب دونوں پر ترقی پسندتحریک کا فیضان مانتا ہوں۔( حمید شاہد )
محمد حمید شاہد 
بہت درست جناب
محمد حمید شاہد
ضیا الدین نعیم صاحب،  عنبرین صلاح الدین صاحبہ،  میری مدد کیجئے،  کہیں ایسا تو نہیں کہ کوئی سوال رہ گیا ہو ؟
عنبرین صلاح الدین
لکھنے والوں کی تحریریں لوگوں پر، معاشرے پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ ہونی چاہئیں (؟)
 اِس طرح کیا ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ خالدہ حسین کے افسانوں کے معاشرے پر کو ئی اثرات نہیں؟
سید ضیاالدین نعیم
"یقین جانیے مجھے اس کی پروا نہیں ہو گی کہ تنقید پیچھے رہ گئی ہے۔ تنقید کو تو چلنا ہی تخلیق کے پیچھے چاہیئے۔ جب سے اس نے تخلیق سے قدم آگے نکالنے کے دعوے کیے ہیں خود بھی نامراد ٹھہری ہے۔ ایک گورکھ دھندا،  محض تھیوری، صرف لسانی معاملہ،  ایک بجھارت اور ناحق الجھنوں کی پستک، نہیں بلکہ اب تو یہ پشتارہ ہو گئی ہے۔ تنقید کو تخلیق کے ساتھ ساتھ چلنا ہو گا اور جب یہ رہبری کے دعوے چھوڑ کر اس کی تفہیم اور تعبیر کے جتن کرے گی تو خود بہ خود رہبر بھی ہو جائے گی": ( حمید شاہد)
خوش رہیے جناب۔ ۔۔ آفرین۔ ۔ کیا دو ٹوک ارشاد ہے آپ کا۔ ۔ 
عنبرین صلاح الدین
میرا خیال ہے کہ اِس لڑی میں موجود تمام سوالوں کے جواب آپ دے چکے ہیں۔ میں نے موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے ایک اور سوال کر دیا تھا، وہی رہ گیا ہے غالباً۔
:)
علی زبیر
میں جس فسوں کاری،فتنہ برداری،حشر آفرینی کا سوال اٹھانا چاہ رہا تھا، اس کی مثالاً حمید شاہد بھائی آپ کا یہ پیرا گراف ہے،یہاں دیکھیں کہ کیسے ایک افسانہ نگار مچلتا نظر آتا ہے۔۔۔وہ فتنہ برداری جو کہانی کی لذت ہے وہ دیکھیے کیسے اس پیرا گراف میں چھم چھم چھما چھم کرتی نظر آتی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔
"اب رہا میرا معاملہ،  تو یوں ہے میں ادھر ادھر کئی اصناف کی وادیوں اور گھاٹیوں میں سرگرداں رہا ہوں۔ تاہم میں نے تاریخ پر لکھنا چھوڑ دیا، شاعری کو خیر باد کہا، ایک زمانے میں انشایئے بھی لکھے اب سمجھتا ہوں کہ یہ تخلیقی صنف ہے ہی نہیں۔ فکشن میری ترجیحات میں سب سے اوپر ہے اور تخلیقی لمحوں کی گرفت میں ہوتا ہوں تو باقی اصناف کیا بیوی بچے،  سب بھول جاتے ہیں۔ ایسے میں مجھے کوئی خنجر بھی مار دے تو اس کیفیت سے نہ نکل پاؤں گا۔ " [حمید شاہد]
محمد حمید شاہد
محترمہ عنبرین صاحبہ آپ کا سوال دراصل تہذیبی، سماجی یا پھر کچھ اور آگے جائیں تو قومی تقاضوں سے جڑا ہوا ہے۔ یہ سوال بظاہر بہت دلکش اور لائق توجہ لگتا ہے لیکن اپنی نہاد اور طینت میں یہ ایک خرابی اور گمراہی بھی سمیٹے ہوئے ہے۔ یہ سوال اٹھا کر گویا یہ تاثر دیا جا رہا ہے۔ کہ ادیب اپنی تہذیب اور قوم اور لوگوں سے کٹی ہوئی اور الگ تھلگ رہنے والی مخلوق ہوتا ہے لہذا اس پر باہر سے یا پھر اوپر سے کچھ تقاضے اور ذمہ داریاں ڈال دی جائیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس سوال کی بنت میں ہی ایک آمرانہ خواہش موجود ہے۔ لگ بھگ ہر مارشل لا کے زمانے میں ادیبوں کو اسی حیلے سے رام کرنے کی کوششیں ہوتی رہیں۔ یہ جان لینا چاہیئے کہ تہذیب کا تعلق محض معاشرے کی سطح پر رواں لہروں اور ابال سے نہیں ہوتا۔ یہ بہت گہرائی میں بن چکے اس قومی مزاج سے عبارت ہے جو کہیں صدیوں میں جا کر زمین، زبان اور عقائد سب مل کر مرتب کرتے ہیں۔ یہ بھی جان لینا چاہیے کہ ادب بنیادی طور پر تہذیبی مظہر ہی ہوتا ہے اور ادیب اسی تہذیب کا نمائندہ۔ لکھنے والا جب کوئی افسانہ،ناول یا نظم لکھ رہا ہوتا ہے تو اس کی روح عین اسی لمحے میں اپنی تمام تر لطافت کے ساتھ، اس تہذیبی معبد میں موجود ہوتی ہے۔ اس بات کو ذہن میں رکھنا بہت ضروری ہے کہ تخلیق کے دورانیے میں ادیب کا ذاتی جوہر ہمیشہ مقدم رہتا ہے اس میدان میں اسے اکیلا ہی اترنا ہوتا ہے۔ فرد کی فکری اساس سوچنے سمجھنے کی راہ تو متعین کر سکتی ہے مگر تخلیقی عمل شروع ہونے پر جو راستہ اختیار کرتا ہے، اس میں باقی چیزیں اور خارجی سہارے پیچھے رہ جاتے ہیں۔ ایسے میں کوئی تحریک، کوئی نعرے لگانے والا،کوئی تقاضے کرنے والا ساتھ نہیں ہوتا۔ اور جو اپنے تخلیقی عمل سے مخلص ہونے کے بجائے ان مطالبہ کرنے والوں کے پیچھے ہو لیتا ہے وہ کبھی بھی اول درجے کا ادیب ہونے کا حق دار نہیں ہوتا۔ اس لیے کہ اپنے اندر بپا تخلیقی عمل سے وفادار ہونے کی بجائے دوسروں کے ساتھ نعرے لگانے کا راستہ اختیار کرنے سے تخلیق کے نفیس اور پراسرار عمل میں رخنے پڑنے لگتے ہیں۔
(جاری)
محمد حمید شاہد
ادیب اور تخلیق کار کی کی اپنی ترکیب میں ایک خاص وصف موجود ہوتا ہے کہ وہ فکری جبر کو توڑتا ہے۔ دانش کے دائروں کو وسعت دیتا ہے۔ سٹیٹس کو،کو تسلیم نہیں کرتا۔ ظلم اور ظالم دونوں نے نفرت کرتا ہے اور ہر بار مظلوم کے ساتھ جا کھڑا ہوتا ہے۔ ہمارے ہاں کے لکھنے والے اپنے فن پاروں میں اسرار اور گہرائی اس لیے پیدا کر لیتے ہیں کہ وہ اپنی تہذیبی مظاہر سے بہت گہرائی میں جا کر مکالمہ کرنے کی سکت رکھتے ہیں۔ یہ مان لینا چاہئے کہ جہاں ارضی حوالے کسی تہذیب میں بنیاد ہوتے ہیں وہاں فکری اور اعتقادی حوالے بھی اپنا بھرپور حصہ ڈال رہے ہوتے ہیں۔ اگر یہ فکری حوالے نہ ہوں تو جو بھی معاشرہ بنے گا، چاہے وہ کتنا ہی ترقی یافتہ کیوں نہ ہو، اس میں فرد اکیلا اور تنہا ہو جاتا ہے۔ ادب اور ادیب آدمی کو تنہا اور بے یار و مددگار ہونے نہیں دیتا۔ وہ اسے اجتماع اور تہذیب سے جوڑ کر اس کی رگوں میں صدیوں کے انسانی تجربے کا شعور رواں کر دیتا ہے۔ اسے ماضی سے جوڑتا اور مستقبل کی سمت جست لگانے کی للک دیتا ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ادیب کے سامنے تقاضوں اور ذمہ داریوں کی بات کیوں کی جاتی ہے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ ادب کی تخلیق کا اپنا ایک میکانزم ہوتا ہے۔ ادب کی تخلیق تاریخ لکھنے کی طرح نہیں ہوتی کہ تاریخ تو بالادست طبقے کے جاہ و حشم کی روداد کے سوا کچھ اور نہیں ہوتی۔ یہ تاریخ بالعموم مکار ہوتی ہے اور صرف جیتنے والوں، قوت حاصل کر لینے والوں کے گن گاتی ہے۔ اس میں بعض اوقات جھوٹ اتنے تواتر سے لکھا جاتا ہے کہ وہی سچ لگنے لگتا ہے بالکل اسی طرح جیسے آج کے جارحیت کے عہد میں میڈیا پر غلبہ پاکر سچ کو جھوٹ اور جھوٹ کو سچ ثابت کیا جا رہا ہے۔ ادب معاشرتی اور سماجی سطح پر ہونے والے سانحے کی محض ایسی خبر بھی نہیں ہوتا جو اگلے روز باسی ہو جاتی ہے۔ یہ تو زمینوں اور زمانوں میں سفر کرنے والے تجربے کا وہ جوہر ہوتا جس کا جمالیاتی وار دیر تک اور دور تک رہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی آواز بہت دھیمی، ٹھہری ہوئی، مدہم اور روح میں اترنے والی ہوتی ہے۔ تاہم یہ جمالیاتی سطح پراس سارے جھوٹ کا پردہ چاک کر رہی ہوتی ہے جو تاریخ اور خبر لمحہ موجود میں اپنے اندر سمیٹ رہی ہوتی ہے۔ ادب معاشرے کے بالادست طبقہ سے کہیں زیادہ عام آدمی سے مکالمہ کرتا ہے اور سچ کو اپنے دامن میں بھر لیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کا اثر آہستہ روی سے ہوتا ہے اور دیرپا ہوتا ہے۔ لیجئے اب اسی مرحلے پر ذمہ داری والے سوال سے نمٹ لیتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ تخلیقی عمل کی نعمت صرف اسی کے فرد کے مقدر اور طینت کا حصہ بنتی ہے جو اپنی تہذیب سے جڑا ہوا ہوتا ہے اپنے لوگوں اور اپنی زمین سے وابستہ ہوتا ہے۔ ادب لکھنے کا قرینہ کسی اتھلے اور سطحی شخص کے ہاتھ نہیں آتا۔ یوں آپ کہہ سکتے ہیں کہ ادیب بنیادی طور پر ہوتا ہی مہذب اور ذمہ دار ہے اور یہ تہذیب اور ذمہ داری اسے اس کا باطن تفویض کر رہا ہوتا لہذا وہ اصولی طور پر کسی اور کی ڈکٹیشن قبول نہیں کرتا۔
اب رہا یہ سوال کہ کیا خالدہ حسین کا افسانہ بھی خاموشی سے نفوذ کر رہا ہے،  میرا جواب ہے ہاں اور بہت گہرائی میں جاکر۔ 
علی زبیر
اب میں اس ضمنی سوال سے حقیقی سوال کی طرف آتا ہوں؟
حمید شاہد کو افسانہ کہتے کہتے تنقید کے میدان میں کیوں آنا پڑا؟کیا انسان پر طاری کیفیات اس کی تحریر پر اثر انداز نہیں ہوتیں؟ تنقیدی کیفیت اور تنقیدی مزاج کی پرورش کرنا ایک کہانی کار کے لیے کیوں کر سود مند ہوسکتا ہے؟ یہی میرا سوال ہے
محمد حمید شاہد
شکریہ علی زبیر صاحب،  کہ وہ آپ کو ملا،  بلکہ وہ آپ کو قریب ہی سے مل گیا
عنبرین صلاح الدین
آپ کے جواب نے ایک بہت بڑا مسئلہ حل کر دیا ہے حمید شاہد صاحب۔ بہت شکریہ
سید ضیاالدین نعیم
محترم جناب حمید شاہد صاحب۔ ۔۔۔ آپ کی شخصیت کو آپ کے جوابات اور انداز جواب کے آئینے  میں خوب خوب دیکھا۔ ۔۔۔ ہر طرح کی مرعوبیت , گروہ بندی اور خود پسندی سے یکسر آزاد دکھائی  دیے۔ ۔۔ پروردگار صحت و عافیت سے رکھے۔ ۔۔۔ ہمارے ادب کو ایسی ہی قد آور شخصیات درکار ہیں۔
محمد حمید شاہد
علی زبیر صاحب،  میں اس کا جواب اوپر دے آیا ہوں،  محض تخلیق کو سمجھنے کے لیے،۔ جب آپ تخلیقی عمل کے مقابل ہوتے ہیں تو جانیے آپ ایسی محبوبہ کے سامنے ہیں جو بھک سے آپ کے ہوش اڑا دیتی ہے،  آپ وہاں ہوتے ہیں اور نہیں ہوتے۔ آپ کے سارے اعمال ایک اور کیفیت میں ہوتے ہیں۔ وہاں آپ اگر اس کا تجزیہ کریں گے کہ تخلیقی عمل کیا ہے تو،  خود وہ مہربان لمحے منہ موڑ کر چل دیں گے۔ تو یوں ہے کہ میں بتا آیا ہوں کہ تنقید میرا مسئلہ نہیں ہے۔ یہ تو تخلیق کو سمجھنے کے لیے ہے اور میں اس کی طرف تب متوجہ ہوتا جب تخلیقی عمل سے دور ہوتا ہوں۔ تاہم جو نہی میری محبوب صنف پکارتی ہے میں اس کے لیے بے گانہ ہو جاتا ہوں۔ اچھا لطف یہ ہے کہ مشغلہ اتنا بانجھ نہیں ہے کہ واپس جاتے ہوئے میری جھولی میں کچھ ڈال کر نہ جائے۔ تو یوں تنقید بسا اوقات میری معاون بھی ہو جاتی ہے یقین نہ آئے تو میرا افسانہ "چٹاکا شاخ اشتہا کا"پڑھ لیجئے۔ 
علی زبیر
بے حد شکریہ حمید شاہد بھائی۔۔وہ اوپر کی تمام گفتگو میں ساتھ کے ساتھ پڑھتا آیا ہوں۔۔۔۔ اس انٹرویو نے اور آپ کے جوابات نے حیرت زدہ کر دیا ہے۔۔ کیسے آخر کیسے؟ سوالات کی بھرمار۔۔۔ ایک پر ایک کمنٹس۔۔اس پر ایسی مدلل اور جمی ہوئی تحریر لا رکھنا،کسی ہما شما کا کام نہیں۔۔ اس انٹرویو سے آپ کے مضبوط حواس کا پتا چلتا ہے۔۔۔ بہت کچھ سیکھنے سمجھنے کو بھی ملا۔۔۔ میں حرف کار انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انھوں نے ایسی اچھی گفتگو میں شامل ہونے کا موقع دیا اور ہمیں حمید شاہد کی جانب نہ صرف متوجہ کیا ان کی فکر و نظریہ ادب سے بھی روشناس ہونے کا موقع فراہم کیا۔۔
سید ضیاالدین نعیم
"ادب معاشرتی اور سماجی سطح پر ہونے والے سانحے کی محض ایسی خبر بھی نہیں ہوتا جو اگلے روز باسی ہو جاتی ہے۔ یہ تو زمینوں اور زمانوں میں سفر کرنے والے تجربے کا وہ جوہر ہوتا جس کا جمالیاتی وار دیر تک اور دور تک رہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی آواز بہت دھیمی، ٹھہری ہوئی، مدھم اور روح میں اترنے والی ہوتی ہے۔ تاہم یہ جمالیاتی سطح پراس سارے جھوٹ کا پردہ چاک کر رہی ہوتی ہے" ( حمید شاہد )،  کیا خوبصورت بات ہے۔ 
محمد حمید شاہد
احباب آپ کا بہت بہت شکریہ آپ نے توجہ سے سنا،  اتنے عمدہ سوالات کیے کہ مجھے اپنی بات کہنے کا لطف آیا۔ نسیم سید، سعود عثمانی،سلمی جیلانی، عظمیٰ سلیم، علی زبیر، عنبرین صلاح الدین، حمیدہ شاہین،سید ضیا الدین نعیم،ممتاز رفیق،ضیا ء المصطفےٰ ترک، بلال احمد، اسد ضیا،  آپ سب احباب کا اور حرف کار (عالمی) کا بہت بہت شکریہ۔ اجازت چاہوں گا۔ ہمیشہ خوش رہیں۔ 
ممتاز رفیق
حرف کار کی انتظامیہ تحسین کی حق دار ہے کہ اس نے ایک جان دار روایت کا آغاز کیا اور وہ بھی ایک ایسی بھرپور اور ہمہ گیر شخصیت یعنی جناب ایم حمید شاہد صاحب کہ بصیرت افروز انٹرویو سے۔ ۔۔ میں ان کی خوش کلامی اور گہری علمیت اور اپنے میدان یعنی افسانہ نگاری کے حوالے سے ان کی گرفت پر ششدر ہوں اور اس گفتگو سے مجھے گراں قدر آگاہی حاصل ہوئی ہے افسوس بوجوہ میں گفتگو میں شریک نہ ہوسکا لیکن میں نے اس کا ایک ایک لفظ بغور پڑھا اور ذہن و دل ہر نقش کیا میں امید کرتا ہوں کہ حرف کار کی انتظامیہ اس سلسلے کو جاری رکھے گی
میں حرف کا ر کی انتظامیہ سے پُر زور اپیل کروں گا کہ جناب حمید شاہد صاحب کی پوری گفتگو کو ایک مربوط انداز میں محفوظ کیا جائے اسی کے ساتھ وہ سوالات بھی شامل ہوں جن کے جواب میں انہوں نہ یہ معرکۃ الآرا گفتگو کی مجھے امید ہے میری درخواست پر توجہ دی جائے گی
شبیر حسین
محمد حمید شاہد صاحب، آپ جی گفتگو سے بہت دیرینہ الجھنوں کی گرہ کشائی ہوئی۔ بہت لطف آیا شکریہ!!
عظمٰی سلیم
بالکل ممتاز رفیق صاحب۔آپ فکر نہ کیجیے۔نہ صرف یہ مربوط گفتگو محفوظ کی جائے گی بلکہ اس کی اشاعت کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ پسندیدگی کے لیے بہت شکریہ۔یہ سلسلہ انشااللہ جاری رہے گا۔
حمیدہ شاہین
میں اس قدر اعلیٰ انٹرویو پر جناب حمید شاہد صاحب اور حرف کار کو مبارک باد پیش کرتی ہوں
شعیب اکرام
ایک منفرد سلسلے کا بہت شاندار اور جاندار آغاز تھا۔ جس میں نمایاں کردار حمید شاہد صاحب کی شخصیت کا بھی رہا۔
عظمٰی سلیم
شکریہ حمیدہ۔۔آپ سب کا تعاون اس کامیاب پروگرام کا ایک لازمی جزو رہا ہے۔
بلال احمد
جناب حمید شاہد بار دگر آپ کا شکریہ اپنے اتنے قیمتی وقت میں سے کچھ وقت ہمارے لیے نکالنے اور اتنے اہم سوالات کے ایسے مفصل اور شافی جواب دینے کے لیے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔ آج کی ملاقات اگرچہ بجلی کی غیر یقینی صورتحال کے باعث بہت لطف کی نہیں رہی مگر بہت ثمر آور ملاقات تھی
نسیم سید
کل ایک ادبی تقریب کی بڑی مصروفیت رہی لیکن اس محفل کی یاد سا تھ سا تھ تھی ہر لمحہ۔ ۔ حمید شاہد صاحب کی گفتگو کا کمال یہ ہے کہ بات اپنے قا مت کا رعب ڈالنے کے نہیں کر تے۔ ۔بلکہ واقعی ہر گرہ کو یوں کھو لتے ہیں جیسے ریشم ہو ان کے ہا تھ میں اور وہ اس کی ہنستے مسکراتے ریشمیں گر ہیں چٹکی سے کھو لتے چلے جا رہے ہوں۔ یہ تجربہ مجھے نہ صر ف ان کے مضامین پڑھ کے ہوا بلکہ " حاشیہ " کی محافل میں کیسی نظم پر گفتگو کر تے دیکھ کے بھی ہوا۔ ۔ میں تو ان کی مقلد ہوں بھئی ایسے با کما ل ہی فکر یہ پیشو ا ئی کے منصب پر سجتے ہیں۔ کس قدر ہم ا ہل حرف کا ر انکے ممنون ہیں اسکا بیان ممکن ہی نہیں۔ ۔
ممتاز رفیق
اس میں کوئی شک نہیں کہ حمید شاہد ایک بڑے انسان ہیں اتنی رواں اور علم سے رچی ہوئی گفتگو ہر ایک کے بس کی بات نہیں ویسے مجھے لگا کہ انہوں نے بھی اس محفل میں آگر لطف اٹھایا وہ اس سلسلے میں اس درجے سنجیدہ تھے کہ انہوں نے میرے ان سوالات کے جوابات بھی عنایت فرمائے جو باقاعدہ ان سے کئے نہیں گئے تھے اس پر سوا ان کا انکسار ہے سچ ہے کہ جس درخت میں ثمر ہوتے ہیں وہ ہی جھک جاتا ہے۔ میں بہت کم اتنی سہولت سے کسی کو اتنی عالمانہ گفتگو کرتے دیکھا ہے۔ حرف کار کو اس کاوش پر ایک بار پھر مبارک باد
نسیم سید
بہت سچ کہا آپ نے ممتا ز۔ ۔۔۔۔۔۔۔ عجب سر شا ری ہے ان کی گفتگو کی
ممتاز رفیق
سرشاری اور ایک عجب سا وفور جو قاری کو وجد میں لے آتا ہے کاش انہیں بھر ایک بار تکلیف دی جا سکے وہ ایک ایسے باکمال ہیں جن کے کمالات اس وقت اظہار پاتا ہے جب وہ قلم اٹھائیں یا لب کھولیں میں ان کی سلامتی صحت اور زندگی کے لیے دعا گو ہوں۔
نسیم سید
سچ ہے
ستیہ پال آنند
A revealing interview. Indeed, both the interviewer and the interviewee seem to be adept in their craft.


ماخذ:
 حرف کار(عالمی)
https://www.facebook.com/groups/WordsmithInternational/doc/471835782835331
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
