﻿



ریگ زار میں پھُول




مجموعۂ کلام


صابر شاہ صابرؔ


ناشر:
رئیسہ تبسم صابر شاہ صابرؔ
مقام پوسٹ ساکھر کھیرڈا،تعلقہ سندکھیڑراجہ، ضلع بلڈانہ
جملہ حقوق بحق ناشر محفوظ
نام کتاب		:	ریگ زار میں پھول
شاعر		:	صابرشاہ صابرؔ
سرورق اور کمپوزنگ 		:	صابر شاہ صابرؔ
ٹائپ سیٹنگ 	:	رضا کمپیوٹرس اینڈ پرنٹرس، منظور پورہ، اورنگ آباد
			موبائل:9422290951, 9822541919
طباعت 		:	راج گرافکس، ٹاؤن سینٹر، سڈکو، اورنگ آباد۔ 
ملنے کے پتے:
رئیسہ تبسم صابر شاہ صابرؔ مقام پوسٹ ساکھر کھیرڈا،تعلقہ سندکھیڑراجہ، ضلع بلڈانہ۔ موبائل:9421396640
ڈاکٹر اشفاق احمد  مرکز جماعت اسلامی کے سامنے،۴۱/اے ،ٹیچرس کالونی ،جعفر نگر،  ناگپور



شناس نامۂ شاعر
نام  		: 	صابر شاہ شبیر شاہ 
قلمی نام 		 :  	صابر شاہ صابرؔ
ولادت       	:  	۱۴! دسمبر  ۱۹۷۱ ء
تعلیم         	:   	بی۔اے ، ڈی۔ایڈ، ایم۔اے 
پیشہ          	:   	درس و تدریس
سکونت        	:   	ساکھر کھیر ڈا ،تعلقہ سندھ کھیڑ راجہ،ضلع بلڈانہ
			پنکوڈ:443202  (مہاراشٹر(
                   	موبائل: 9421396640, 9970936672 
			ای میل:   sabirghazal@yahoo.com              
زیرِ ترتیب تصنیفات
	علمِ عروض اور قواعد	۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔    (علمِ عروض پر جامع کتاب)
	ریگ زار 		۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔    (  مجموعۂ منظومات   )
	چناب  			۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔    ( ماہیئے)



انتساب


اپنی شفیق والدہ مرحومہ
 ریاست بیگم 
کے نام
کہ جن کی گود میں بیٹھ کر میں نے
پہلے پہل بولنا سیکھا۔۔۔۔۔۔۔

اور میرے شفیق والد
 محترم المقام جناب شبیر شاہ صاحب
جن کی پُر خلوص توجّہ نے مجھے زندگی کے ہر 
معرکہ میں فتح یاب ہونا سکھایا۔۔۔۔۔


حرفِ چند 

	مالکِ حقیقی کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے اردو زبان کی خدمت کے لئے معہود کیا اور اس قابل بنایا کہ آپ میرا مجموعۂ کلام پڑھ رہے ہیں  ۔میرے تعلق سے  اردو ادب کی نامور شخصیتوں نے بہت لکھا ہے وہ آپ آراء کے صفحات میں پڑھیں گے اس لئے ضروری نہیں ہے کہ میں اپنے تعلق سے کچھ رقم کروں ,شاعری کا جذبہ خدا داد ہوتا ہے اپنی محنت،لگن اور مطالعہ سے اس میں حسن اور نکھار آتا ہے۔
	 بقول علامہ اخلاق حسین دہلوی ’’شاعری کا جذبہ خدا داد چیز ہے جو خالی سیکھنے سکھانے سے علاقہ نہیں رکھتا بلکہ جس کسی کو بھی یہ جذبہ عطا ہوتا ہے اس کی طبیعت کو اس فن سے فطری مناسبت ہوتی ہے‘‘  اسی طرح بقول محترم ڈاکٹر محمد منشاء خان منشاء ؔ
یہ خدا داد ہوتی ہے نعمت
رب کی ہوتی ہے جن پہ خاص نظر

ہے یہ مخصوص بخششِ قدرت 
اُن کو ہی ملتی ہے یہ نقدِ ہُنر 
 فنِ شاعری کے لئے استاد بھی ایک اہم جز ہے میں خوش قسمت ہوں کے مجھے  مرحوم عبدالغنی وحشیؔ چکلوی کے زانو میں بیٹھ کر سیکھنے کا موقع ملا ، موصوف کے انتقال کے بعد میں نے محترم جناب منّے خان عازمؔ امڑاپوری سے مشورۂ سخن کیا ان سے میں نے وہ کچھ سیکھا جو کتابوں سے پڑھ کر نہیں سیکھا جاتا۔ میں علمِ عروض کو شاعری کا اہم جز مانتا ہوں یہ ایک ایسا میزان ہے جو غلطیوں کی نشاندہی کرتا ہے اس میں مہارت حاصل کر کے شاعر اپنی اصلاح خود کر سکتا ہے لیکن یہ رگوں میں خون خشک کرنے والا عمل ہے اسی وجہ سے اس کے جاننے والے کم ہیں میں اہلِ علم سے گزارش کرتا ہوں کہ اس ورثہ کو بچا کر رکھیں نسلِ نو میں اس کی تبلیغ کریں۔شاعری اور عروض یہ اصناف ہمارے پاس اولیاء کرام،صوفیاء، پیر،فقیر ان سب کے توسّط سے پہنچی ہے ،خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ؒ فارسی زبان کے صاحبِ دیوان شاعر ہیں ،نظام الدین اولیاءؒ،حضرت امیر خسروؒ، سیّد یوسفؒ(پدرِ خواجہ بندہ نواز گیسو درازؒ)اس  اصناف کی پیروی کرنے والے اتنے با کمال ہوئے کہ ہم نام لکھتے لکھتے تھک جائیں گے لیکن نام پھر بھی باقی رہین گے۔
	میں سخن سرائی کے مکتب کا ابھی طالبِ علم ہوں رفتہ رفتہ سیکھ رہا ہوں مکمّل نہیں ہوں ،مکمّل صرف اللہ کی ذات ہے ۔قارئین کرام سے گزارش ہے کہ مجموعۂ کلام کو پڑھنے کے بعد اپنے تاثرات ضرور لکھ بھیجیں تاکہ آئندہ خوب سے خوب تر کی کوشش کی جا سکے۔ انشاء اللہ اس کے بعد کی زیرِ ترتیب تصنیفات جلد ہی منظرِ عام پر آئیں گی بس آپ کی حوصلہ افزائی مل جائے۔
	یاد رہے کہ کسی بھی زندہ و جاوید قوم کی علامت ہے کہ اس کے ساتھ اس کی زبان بھی زندہ رہے اردو زبان کی فلاح و بقا میں ہی ہماری فلاح و بقا پوشیدہ ہے ۔
 ۱۲ مئی ۲۰۰۸ء
فقیر گوشہ 


اظہارِ تشکر
	شکریہ کے کلمات کی ادائیگی کو میں اپنا فرض سمجھتا ہوں ،جن شخصیتوں کا میں شکریہ ادا کر رہا ہوں یہ تمام اہلِ اردو،نقّاد،شاعر،دانشور کسی بھی تعریف کے محتاج نہیں مگر میرا فرض ہے کہ ان تمام کا مختصر سا تعارفی خاکہ رقم کروں۔
	 محترم المقام جناب ڈاکٹر منشاء الرحمٰن خان منشاء صاحب (ناگپور)کا شمار ہند و پاک کے اُستاد شعراء میں ہوتا ہے۔ منشاءؔ  صاحب کے تقریباً ۲۰ مجموعۂ کلام شائع ہو چکے ہیں ،تحقیقی کام بھی موصوف کے نام پر درج ہے ۸۷برس کی عمر میں بھی منشاءؔ صاحب اردو زبان کی خدمت کے لئے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں ۔
	منشاءؔ صاحب نے میرے مجموعۂ کلام ’’ریگ زار میں پھُول‘‘ پر گرانقدر آراء لکھ کر جو میری حوصلہ افزائی کی ہے میرے شعری سفر میں یقیناً یہ میل کا پتّھر ثابت ہوگی ۔
          محترم المقام جناب ڈاکٹر نور السعید اخترؔ صاحب (ممبئی) سعید صاحب نے تمام عمر اردو اور فارسی زبان میں تحقیقی کام کیا،موصوف کی تصنیفات میں نقوشِ دکن،گیان سروپ(از شاہ تراب چشتی)، تاج الحقائق(از ملاّ وجہی)،مثنوی بہرام گل اندام قابلِ ذکر ہیں۔ تحقیقی حوالے سے بر صغیر میں سعید صاحب کا نام بڑے احترام سے لیا جاتا ہے۔سعید صاحب کو صدر جمہوریہ ہند کی جانب سے سن ۲۰۰۰ء میں فارسی تدریس و ادب کی خدمات کے صلے میں سرٹیفکٹ آف آنر کا اعزاز موصول ہوا۔  
	سعید صاحب نے میرے کلام پر تحقیق نما آراء لکھ کر فن کے قدر دان ہونے کا ثبوت دیا ہے۔آراء کا ہر لفظ اک چمکتے ہوئے موتی سے کم نہیں۔ 
	محترم المقام جناب منّے خان عازم اؔمڑاپوری صاحب،موصوف نے مجھے تحتانی اور وسطانی جماعتوں میں  پڑھایا ہی نہیں بلکہ شعر و سخن کے باب بھی پڑھائے ہیں میں نے عازم صاحب سے ہی سیکھا ہے کہ غزل کی زلفیں کس طرح سنوارتے ہیں۔ عازم صاحب صحّتِ الفاظ کی وہ ضخیم کتاب ہیں جس کے استفادہ سے ایک طالبِ علم عالم بنے بغیر نہیں رہ سکتا۔عازمؔ صاحب کا ایک مجموعۂ کلام ’’قطرہ،آنسو،شبنم‘‘ منظرِ عام پر آ کر بہت مقبول ہوا۔عازمؔ صاحب سے مجھے اولاد کی طرح پیار ملا یہ اُن ہی کی حوصلہ افزائی کا ثمرہ ہے۔
	عزیز بھائی محترم جناب ڈاکٹر اشفاق احمد (ناگپور) اگر اشفاق صاحب کی ہمّت افزائی اور حوصلہ افزائی نہ ہوتی تو یہ مجموعہ کلام منظرِ عام پر نہیں آتا۔ڈاکٹر اشفاق احمد افسانوی ادب کا ایک ایسا نام ہے جنھیں ’’افسانچہ ‘‘ اس صنف کا امام ہونے کا شرف حاصل ہے۔محترم پروفیسر جوگندر پال کے بعد افسانوی ادب میں جو نام اُبھر کر آتے ہیں اُن میں اشفاق صاحب کا نام سرِفہرست ہے۔اب تک اشفاق صاحب کے سات مجموعۂ منظرِ عام پر آ چکے ہیں۔
	اس باب کے آخر میں ایک انکشاف کرنا ضروری ہے کہ ان تمام شخصیتوں کا تعلّق بلڈانہ ضلع کی سر زمین سے ہے ،میں نے محسوس کیا کہ انھیں آج بھی اپنے وطن کی مٹّی عزیز ہے اس کی بھینی بھینی خوشبو یہ آج بھی محسوس کرتے ہیں۔
	میں ان تمام صاحبان کا شکریہ ادا کرتا ہوں،ان سے مجھے جو خلوص اور پیار ملا میری امّید سے کہیں زیادہ ہے۔ شکریہ کے مستحق عزیزی جناب صفدر علی صدیقی (رضا کمپیوٹرس، اورنگ آباد) بھی ہیں جنھوں نے اس کتاب کو خوبصورت بنانے میں مجھے تعاون دیا۔
فقیر گوشہ گیر  صابر شاہ صابرؔ



مناجات

دو جہاں کا نظام تجھ سے ہے
جُز بھی تجھ سے تمام تجھ سے ہے

اپنے مقسوم کا ملے سب کو
رزق کا اہتمام تجھ سے ہے

ہے رگوں میں یہ خون کا بہنا
دل کی دھڑکن مدام تجھ سے ہے

بدلے موسم ترے اِشارے پر
صبح تجھ سے ہے شام تجھ ہے

سب الف لام میم میں ضم ہے
خلق سب ہم کلام تجھ سے ہے

توٗ ہے صابرؔ پہ مہرباں یا رب
ہے جو میرا مقام تجھ سے ہے


نعت 


آپؐ آئے ہوئی زندگی ،زندگی
نور پھیلا ہوئی روشنی، روشنی

ہر طرف دینِ حق کا سویرا ہُوا
مٹ گئی کُفر کی تیرگی ،تیرگی

کلمۂ ربّنا پتھّروں نے پڑھا
بُت کدوں تک گئی روشنی ، روشنی

وہ لباسِ مبارک میں پیوند تھے
بادشاہی میں بھی مفلسی، مفلسی

آپ رب سے شفاعت جو فر مائیں گے
ہے اِسی آس میں اُمّتی، اُمّتی

ایک ہی پل میں ایمان لائے عمرؓ
دیکھ کر آپ کی عاجزی ،عاجزی

دسترس علم پر پھر بھی اُمّی لقب
آپ جیسا نہیں فلسفی،فلسفی

آپ سی اک جھلک انبیاؑ میں نہیں
دُور کی بات ہے ہمسری، ہمسری

اک نظر آج صابر پہ ہو مصطفےٰ
یوں سنور جائے گی زندگی،زندگی

٭٭٭


***
زہرابِ غم کسی نے پلایا تو کیا ہوا
مرمر کے جینا راس نہ آیا تو کیا ہوا

اپنوں نے سر کے زخم کو چھوڑی ہے کچھ جگہ
پتّھر کسی نے اور اُٹھایا تو کیا ہُوا

سرمایۂ سفر ہے مرا عزمِ نوجواں
رہبر نے راہزن کو جگایا تو کیا ہوا

تم سے بچھڑ کے ہم کو ہنسی آئیگی نہیں
اب موسمِ بہار بھی آیا تو کیا ہُوا

جب غم کی بھوک مٹ نہ سکی کھا کے لختِ دل
آنکھوں سے میں نے پانی پلایا تو کیا ہُوا

جلتے ہوئے گھروں سے شرر کی نہ بھیک لی
صابرؔ نے خود ہی گھر کو جلایا تو کیا ہُوا
٭٭٭


***
تم رکو میں چلا چلے ہیں غم
میری قسمت کے فیصلے ہیں غم

لذّتِ غم سے آشنا ہوگا
جس کے دل میں کبھی پلے ہیں غم

مُسکرائے تو آنکھ بھر آئی
میری آنکھوں سے پھر ڈھلے ہیں غم

کم سے کم میکدہ تو بخشا ہے
ہم بُرے ہیں مگر بھلے ہیں غم

اُن کی پلکوں کو چھو گیا دامن
میری آنکھوں میں بھی سلے ہیں غم

پھول انگارے بن گئے صابرؔ
دل کے گلشن میں بھی جلے ہیں غم

٭٭٭


***

پھُول مُرجھائے غُنچہ دہن اُٹھ گئے
آئی پت جھڑ تو جانِ چمن اُٹھ گئے

بات کرنا بڑے ظرف کی بات ہے
جب بحث چھڑ گئی کم سُخن اُٹھ گئے

آنکھ میں دشمنوں کی بنے دھول ہم
بن کے سر حد پہ خاکِ وطن اُٹھ گئے

خاکساری نے ذرّوں کو چمکا دیا
ہم بھی سورج کی لے کر کرن اُٹھ گئے

ننگے صابرؔ تھے سب ماں کی آغوش میں
اُٹھنے والے کہاں بے کفن اُٹھ گئے

٭٭٭


***
اے گلشنِ حیات تجھے کون ڈس گیا
کلیوں سے پختگی گئی پھولوں سے رس گیا

موسم تمام تیری ہنسی کو ترس گیا
کتنا اُداس موسمِ گل کا برس گیا

رنگِ حنا سمجھ کے تیرے ہاتھ رنگ لے
دل کا لہو ہے اشک بنا تو برس گیا

بچھڑے ہوؤں کے غم ہمیں صیّاد اب نہ دے
ایک عندلیب اور بھی نزدِ قفس گیا

فردوس جیسے ارض کو صابرؔ اُجاڑ کے
انسان ظلم کرنے ستاروں میں بس گیا

٭٭٭


***
سادگی سے یوں کوئی ظرف آزماتا ہے
بھیجتا ہے ٹُھکرا کر پیار سے بُلاتا ہے

اک سرائے جیسی اب اپنے دل کی بستی ہے
ایک درد آتا ہے ایک درد جاتا ہے

کل گھنے درختوں کی چھاؤں میں جلے پودے
آدمی کا سایا اب آدمی کو کھاتا ہے

ساتھ دو کا دینا ہے ہر اکیلی ہستی کو
موت سے بھی رشتہ ہے زندگی سے ناتا ہے

دشمنی سے دور اے صابرؔ عمر بھر رہنا
سنتے ہیں مُصیبت میں دوست کام آتا ہے

٭٭٭


***
گل کی مانند رکھے آنکھ میں آنسوٗ ہم نے
گلشنِ دل میں رکھی پیار کی خوشبوٗ ہم نے

میرے شیرازۂ ہستی کو بکھر نے دے مگر
جب بھی بکھرے تو سنوارے تیرے گیسوٗ ہم نے

قید سمتوں کی نہیں ہے تیرے جلوؤں کے لئے
تجھ کو دیکھا ہے نظر ڈال کے ہر سوٗ ہم نے

آس  غیروں سے نہ اپنوں سے اُمیدیں رکھی
ناز تجھ پر ہی کیا قوّتِ بازوٗ ہم نے

مُشک تو خود میں تھی پوشیدہ مگر اے صابرؔ
خود کو سمجھا ہے بھٹکتا ہوا آہوٗ ہم نے

٭٭٭


***
ہم تھے محفوظ فسادات میں گھر اپنا تھا
اپنے سائے سے ڈراتا ہُوا ڈر اپنا تھا

راہِ ہستی میں خطرناک سفر اپنا تھا
راہ میں خار تھے پتّھّر تھے جگر اپنا تھا

ہم نے خود دل کو شبِ ہجر تسلّی دی ہے
چشمِ نم اپنی ہی تھی دامنِ تر اپنا تھا

کس کا شکوہ کروں توہین لہو کی ہوگی
حق تلف خون کے رشتے کا مگر اپنا تھا

پھر گئے دن تو ہوئے غیر بھی اپنے صابرؔ
مفلسی  تھی تو  کہاں  ہم  تھے کدھر اپنا تھا

٭٭٭ 


***
دھوپ چھاؤں امتحانِ منزلِ مقصود ہے
سایہ چومے گا قدم سورج بھی سر پر آئے گا

میں خلوصِ دل سے سر آنکھوں پہ رکھ لوں گا اُسے
میرے گھر مہماں جو اپنا گھر سمجھ کر آئے گا

اپنے ہاتھوں سے تراشوں گا تری صورت کے بُت
راستے میں نا تراشیدہ جو بھی پتھّر آئے گا

میں ہوں صابرؔ صبر کی منزل سے گزرا ہوں سدا
منہ کی کھائے گا مقابل جو ستم گر آئے گا

٭٭٭



***
جب بُرے زندگی کے ستارے ہوئے
جو ہمارے تھے وہ سب تمہارے ہوئے

غم نہ کیجیے اگر بے سہارے ہوئے
جی نہیں سکتے ہمّت کو ہارے ہوئے

ہر نئے دن کو آغازِ ہستی سمجھ
لوٹ آتے نہیں دن گزارے ہوئے

اُن کو ہرگز حقارت سے دیکھو نہ تُم
گردشِ وقت کے جو ہیں مارے ہوئے

صبر کے گھونٹ صابرؔ بہت تلخ تھے
حلق سے جن کو ہم تھے اُتارے ہوئے

٭٭٭


***
راہی تھکا ہُوا تھا سَرِ راہ سو گیا
منزل سے دور تھوڑی سی غفلت سے ہو گیا

اُس دل کی ہے تلاش جو ملتا نہیں مُجھے
زخموں کی بھیڑ یاد کے میلے میں کھو گیا

ہیروں کے پاس رکھ دیے اشکوں کے کچھ گُہر
جب انتہائے غم مری آنکھیں بھگو گیا

اک تُم ہی سو نہیں سکے پھولوں کی سیج پر
دامن بچھا کے پھول تو کانٹوں پہ سو گیا

صابرؔ وہاں سے دور کنارا بھی کچھ نہ تھا
ملاّح میری ناؤ جہاں پر ڈبو گیا

٭٭٭


***
اُن کی صورت ہی تصوّر میں سدا رہتی ہے
نیند آنکھوں میں جدائی میں بھلا رہتی ہے؟

حادثے ہوں کہ فسادات اکیلا کب ہوں
میرے ہمراہ شب و روز قضا رہتی ہے

رنگ کی بات نہ کر رنگ بدل جاتے ہیں
سبز پتّوں میں چھُپی سرخ حنا رہتی ہے

اُن کا شیوہ ہے ستم اور جفائیں کرنا 
بے وفاؤں سے بڑی دور وفا رہتی ہے

کس نے پائی ہے یہاں دائمی شہرت صابرؔ
کچھ دنوں تک کے لئے سب کی ہوا رہتی ہے 

٭٭٭


***
روز ہی دل اُجڑتا رہا
ملنے والا بچھڑتا رہا

کون شب بھر گلوں پر حسیں
بوند شبنم کے جڑتا رہا

ہم مناتے رہے ہیں مگر
اپنی ضد پر وہ اڑتا رہا

زرد رُت کھا گئی ہے شجر
پتّہ پتّہ ہی جھڑتا رہا

اُس کا صابرؔ ہو کیا حوصلہ
جو کہ خود ہی سے لڑتا رہا
        
٭٭٭

***
بھیڑ کے ہمراہ چلتا ہوں 
پھر بھی تو میں کتنا تنہا ہوں

کرب سے جاگی اُن آنکھوں میں
دھندلا سا میں ایک سپنا ہوں

یوں حقارت سے نہ مجھ کو دیکھ
میں بھی تو تیرے ہی جیسا ہوں

جذب کس صورت کرے دامن
آنکھ سے بہتا جو دریا ہوں

اپنا چہرہ دیکھ لے مجھ میں
عہدِ ماضی کا میں شیشا ہوں

چاہیئے لطفِ نظر صابرؔ
رہ گزر میں تیری بیٹھا ہوں

٭٭٭


***
راہ موڑ لیتے ہو،دیکھ کر ہمیں اپنی،کیسی یہ شناسائی
رفتہ رفتہ جانو گے، رفتہ رفتہ مانو گے ، پیار کی یہ گہرائی

رنج کے اندھیرے میں، زخم کے اُبھر نے سے، ٹیس دل میں اُٹھتی ہے
بے وفا نے توڑے ہیں ، پیار کے حسیں بندھن ، بخشی ہے یہ تنہائی

چاندنی ہے جوبن پر، مرمریں قبا پہنے ، سادگی ہے چہرے پر
شبنمی سے موسم میں ، زلف جو بکھیرے ہیں ، کالی سی گھٹا چھائی

راہ ایسے کانٹوں  کی ، پاؤں میں پڑے چھالے ، منزلیں ہیں انجانی
کون ہم سفر اپنا ، کون رہ نُما اپنا ، سب تو ہیں تماشائی

چلتے رہنا لازم ہے ،  تجرُبے کی ہے منزل ، دور جو سویرا ہے 
خواب چُن لے مرضی کے ، وقت ہے کٹھن صابرؔ ، کر لے بخت پیمائی

٭٭٭



***
دوستی ہو گئی دُشمنی جیسے
یار سب ہو گئے اجنبی جیسے

درد نے یاس نے جو نچوڑا ہے
اب گلوں میں نہیں تازگی جیسے

زہرِ غم پی گئے پی گئے لیکن
اور بڑھتی گئی تشنگی جیسے

تُم گئے   دہر  سے  تو لگا ایسے
وقت کی نبض بھی ہے تھمی جیسے

بڑھ گئیں ظلمتیں روز و شب صابرؔ
تیرگی کھا گئی روشنی جیسے

٭٭٭
***
تیرا کرم ایسا ہُوا
قطرہ جو تھا دریا ہُوا

ناحق ہوا تو نے چھوا
پھولوں کا تن میلا ہُوا

یارو! سنورنا ہے اگر
پڑھ لو سبق بھولا ہُوا

یادوں نے جب گھیرا مجھے
زخمِ جگر تازہ ہُوا

شکوہ نہیں اب غیر سے
ڈسنے لگا پالا ہُوا

صابرؔ نگر میں ہر طرف
گھر گھر لگے جلتا ہُوا
٭٭٭

***
گلوں کے تن میں خوشبوٗ جاگے
مرے بھی من کا آہوٗ جاگے

نظر کہنے لگی حیرت سے
گھٹا چھائی کہ گیسوٗ جاگے

وہاں  تُلتی سدا سچّائی
جہاں حق کا ترازوٗ جاگے

عجب عالم جُدائی کا ہے
فراقِ غم میں آنسوٗ جاگے

سنور جاتیں ہیں تقدیریں پھر
اگر انساں کے بازوٗ جاگے

اثر لہجے کا ہو یوں صابرؔ
ترے لفظوں سے جادوٗ جاگے

٭٭٭


***
یہ نگر انوکھا ہے ، آدمی نئے چہرے ، روز ہی لگاتے ہیں
ہاتھ میں لئے خنجر ، سادگی سے چہرے پر ، اک ہنسی سجاتے ہیں

اُٹھ گئی وفاداری ، رنگ بھی بدلتا ہے ، اب یہاں لہو بھائی!
گِر کے خود سنبھل جاؤ ، آج کل جہاں والے ، کب کسے اُٹھاتے ہیں

ہو چلی سیاست بھی ، دوستو! تجارت سی ، وقت کا چلن بدلا
کون اب مُحافظ ہے ، رہ نُما زمانے کے ، بستیاں جلاتے ہیں

چومتی قدم اُن کے ، منزلیں یہاں اکثر ، حوصلے جواں جن کے
وقت کے مجاہد تو ، کھود کر پہاڑوں کو ، راستہ بناتے ہیں

وقت ہے کٹھن صابرؔ ، تیرگی تعصّب کی ، بڑھ گئی زمانے میں
فرض بھی بُلاتا ہے ،امن کی چلو چل کر ، مشعلیں جلاتے ہیں

٭٭٭


***
لہو بہتا ہُوا منظر نہیں دیکھا جاتا
مسیحا ہے لیے خنجر نہیں دیکھا جاتا

عمارت کی بلندی پر نظر رکھتے ہیں سب
کبھی بنیاد کا پتّھر نہیں دیکھا جاتا

شہیدوں نے دیا کربل میں درسِ لاثانی
سعادت کے لئے لشکر نہیں دیکھا جاتا

حسد پلنے لگے انسان کے سینے میں جب
اگر ہو دوسرا برتر نہیں دیکھا جاتا

عجب سا ڈر ہے جو بٹتا گیا بستی بستی
یہاں سہما ہُوا گھر گھر نہیں دیکھا جاتا

زمانے میں یہاں کس کس کو پرکھیں گے صابرؔ
دلوں میں جھانک کر اندر نہیں دیکھا جاتا


***
موت سے آدمی بے خبر ہے بہت
سوچئے زندگی مختصر ہے بہت

اُس کے سائے سے جلنے لگا ہے بدن
وہ بظاہر گھنا سا شجر ہے بہت

مانگتی ہے سدا دوسروں کے لئے
ماں تری ہر دُعا میں اثر ہے بہت

صبح کے ساتھ ہے بے کلی بے بسی
شام بھی آج کل دربدر ہے بہت

فیض ملّت کو صابرؔ نہیں جس سے کچھ
آج کل تو وہی معتبر ہے بہت

٭٭٭

***
پیٹھ پر اُس کی وہ تھپکیاں رہ گئیں
یاد ماں کی مجھے لوریاں رہ گئیں

گفتگو کس سے ہو ہم سفر چل دیے
اب مرے ساتھ تنہائیاں رہ گئیں

غم کا سیلاب آیا چلا بھی گیا
حیف! پلکوں پہ بربادیاں رہ گئیں

رنگ سارے دھنک کو ہوا دے گئی
ہو کے بے رنگ سی تتلیاں رہ گئیں

کل تلک تھے جہاں زندگی کے نشاں
آج کھنڈر نُما بستیاں رہ گئیں

کھو دیے ہم نے صابرؔ تو موتی سبھی
ریت پر ادھ کھُلی سیپیاں رہ گئیں

٭٭٭


***
شہنشاہی نظر باقی نہیں شاید
کہ پھر ! اہلِ ہنر باقی نہیں شاید

مرے الفاظ گونگے ہو چلے یا پھر
دُعاؤں میں اثر باقی نہیں شاید

پرندے اِس طرف کیوں کر نہیں آتے
درختوں پر ثمر باقی نہیں شاید

کہاں بارش میں وہ پہلی سی خوشبو اب
یہاں مٹّی کے گھر باقی نہیں شاید

حوادث سے بھی لڑنے کا ہنر ہوگا
کسی چہرے پہ ڈر باقی نہیں شاید

فسادوں میں کبھی جھُلسا نہ ہو صابرؔ
یہاں ایسا تو گھر باقی نہیں شاید

٭٭٭

***
ہر قدم پر ہے اب آزمائش میری
پاؤں شیشے کے ہیں راستہ پتّھّر کا

خاکساری اخلاقِ رواداری بھی
تُم بچا کر رکھّو یہ اثاثہ گھر کا

نفرتوں کے بیجوں سے اُگے گی نفرت
کس کے آنگن میں پودا نہ ہو تھوہر کا

راہ سے خود جو بھٹکا ہوا ہے اپنی
رہ نُما کہلائے وہ زمانے بھر کا

چار دیواریں اک چھت یہ ہانڈی چولہا
دیکھنے میں منظر ایک سا ہر گھر کا

یوں بھی ملتا ہے صابرؔ وفا کا بدلا
ہم پہ الزام آیا ہے اُن کے سر کا
٭٭٭

***
بس میں اپنے ہو ہر بات ممکن نہیں
چاند نکلے گا ہر رات ممکن نہیں

کون ہے جیت پایا اُسے اب تلک
دوستو! موت پر مات ممکن نہیں

کھینچ دیں وقت نے درمیاں سرحدیں
اب کبھی ہو مُلاقات ممکن نہیں

زندگی خار بھی دیں غنیمت ہے وہ
گُل ہی گُل کی ہو سوغات ممکن نہیں

ہے فقط میری تشکیل جس کے لیے
اُس سے سرکش مری ذات ممکن نہیں

بے وفا سے کوئی آس صابرؔ نہ رکھ
خشک بادل سے برسات ممکن نہیں

٭٭٭

***
مذاہب کے پردے میں سیاست نہیں کرنا
خُدا بیچ کر اُس کی تجارت نہیں کرنا

ہیں ابنائے انساں کے سراسر یہی دُشمن
کبھی شر پسندوں کی حمایت نہیں کرنا

خُدا نے کہا بندوں سے قرآن میں ایسا
امانت میں تم لوگو! خیانت نہیں کرنا

ہے کم بولنا ہی عقل مندی زمانے میں
کہو مختصر بے جا طوالت نہیں کرنا

یہاں رہبروں کے بھیس میں ہیں کئی رہزن
کسی راہ چلتے کی حمایت نہیں کرنا

بہت ہوں گے رُسوا سر پہ الزام آئیں گے
کہ کم ظرف کی صابرؔ قیادت نہیں کرنا
٭٭٭


***
ہر نظر یونہی کھائے گی دھوکا
کاغذی گُل پر تتلیاں رکھ جا

لے جا سب اُجلی یاد کے موتی
پاس میرے بس سیپیاں رکھ جا

کامیابی ہوگی یقیناً ہی
عزم لے جا مایوسیاں رکھ جا

زرد رُت کے بے جان منظر میں
مُسکراتی پرچھائیاں رکھ جا

داغ فرقت کے دینے والے سُن
رونے کو کچھ تنہائیاں رکھ جا

زندگی ہوگی خوش نُما صابرؔ
اپنے دل کی ویرانیاں رکھ جا

٭٭٭


***
ہر ایک فکر جوشِ پرواز چاہتی  ہے
میری خموشی بھی اب آواز چاہتی ہے

ہے قدر داں کوئی جو تخلیق کا صلہ دے
فن کار کی بزرگی اعزاز چاہتی ہے

یوں  ظرف  آزماتی  ہے خود پسند دُنیا
مُفلس کی خوش لباسی کا راز چاہتی ہے

طائر تو پر نکلتے ہی آسمان چاہے
پرواز کی تمنّا آغاز چاہتی ہے

چہرہ ہی بس نیا کیوں، آئینہ بھی نیا ہو 
صابرؔ غزل انوکھا انداز چاہتی ہے
     
٭٭٭

***
جلا انساں کی لاشوں سے ہون اب کے
ہوا ہنسک یہ گوتم کا وطن اب کے

تلاشِ منزلوں کا کچھ نہیں حاصل
مرے حصّے میں آئی ہے تھکن اب کے

سیہ ابروں نے کیسا جل ہے برسایا
خدایا جل گئے بارش میں بن اب کے

فضا میں زہر ہے فرقہ پرستی کا
بڑی مُشكل میں ہے میرا وطن اب کے

گلی کوچے کہ جیسے بن گئے مقتل
اجل سستی ہُوا مہنگا کفن اب کے

کہاں جا کر زُباں پر تلخیاں  لایا؟
ترے لہجے میں ہے کیسی چبھن اب کے

غنیمت ہے جو تُم کہتے ہو صابرؔ جی
کہاں غالبؔ سا ہے شعر و سُخن اب کے                  
٭٭٭
***
بھیڑ میں ہو یا تنہا بد حواس ملتا ہے
شہر کا ہر اک  باشندہ اُداس ملتا ہے

حیف !عہدِ حاضر کے بد نصیب بچّوں کو
اب وراثتوں میں خوف اور ہراس ملتا ہے

ایک جسمِ نازک سے جینے کا ہنر سیکھو
ہر گُلاب کانٹوں کے آس پاس ملتا ہے

زندگی کے ہر دستاویز سے ہمیں اکثر
جا بجا اندھیروں کا اقتباس ملتا ہے

ہر کسی شناسا پر اعتماد کیا کرنا
حق پرستوں میں بھی حق نا شناس ملتا ہے

کیا یہاں ہر اک کی ممکن ہے دل جو ئی صابرؔ
جب کہ خود کا سایا بھی نا سپاس ملتا ہے
٭٭٭

***
وہ ہاتھ کی لکیروں میں اثر تلاش کرتا ہے
رُتیں گئیں تو پیڑوں پر ثمر تلاش کرتا ہے

وہ حادثوں کو چھوکر دیکھنے کی ضد کرے اکثر
کہ زہر میں کبھی مثبت اثر تلاش کرتا ہے

اُسے سراب سے پانی نچوڑنے کی خواہش ہے
کبھی کبھی خزاں میں برگِ تر تلاش کرتا ہے

مرے خدا عجب گمراہ کُن ہیں شہر کی سڑکیں
ہر اک مکین خود اپنا ہی گھر تلاش کرتا ہے

یہاں کے با ہُنر فاقوں سے مر گئے ہُوئے برسوں
زمانہ پتّھروں میں اب۔۔ ہُنر تلاش کرتا ہے

عجب معاملہ انسان کا ہے دیکھ لے صابرؔ
سکونِ دِل اِدھر کھویا اُدھر تلاش کرتا ہے

٭٭٭

***
میرے   لہجے  میں بولتا   کیوں ہے 
نام  لب  پر  رولتا  کیوں ہے

بولنا ہے تو اب بول کھُل کر
یوں اِشاروں میں بولتا کیوں ہے

راز پوشیدہ  ہوں تو اچھّا ہے
بند رکھ مٹّھی کھولتا کیوں ہے

کیوں بناتا ہے بہانے اور
صاف نہ کہہ دے ٹالتا کیوں ہے

دیکھ تیری اُردو زباں ہوں میَں
یاد رکھ مجھ کو بھولتا کیوں ہے

ہم نے جانا صابرؔ ترا نغمہ
رس سماعت میں گھولتا کیوں ہے
٭٭٭

***
کس نے بنائی یہ تصویر کیسی ہے
ہر سچ کے پاؤں میں زنجیر کیسی ہے

ہم سن چکے لیکن آنسو نہ ہی آہیں
یہ درد کی ایسی تفسیر کیسی ہے

نا اہل سب قومی معمار بن بیٹھے
نسلِ نوَ کی یارو! تعمیر کیسی ہے

ٹھہرے ہوئے پانی پر عکس لفظوں کا
سورج کے ماتھے پر تحریر کیسی ہے

صابرؔ کوئی سچّا فن کار کیا جانے
یہ خود نُمائی خود تشہیر کیسی ہے

٭٭٭

***
گر مجھے وہ زخم گہرا نہیں دیتا
سلسلہ پھر کیوں یہ ٹھہرا نہیں دیتا

بے ضرورت دے رہا ہے جو دریا ہی
پیاس لگتی ہے تو قطرہ نہیں دیتا

جینے کے اسباب خود ہی کرو پیدا
دوسرا تو اپنی دُنیا نہیں دیتا

ذہن میں رکھ دیے سب دھندلے سائے
سوچ کو میری وہ چہرا نہیں دیتا

آس کس سے ہے برہنہ بدن تیری
بھیک میں جو تن کا اُترا نہیں دیتا

سچ کا سکّہ ہوں اُچھالو مجھے پرکھو!
چھن کی یہ آواز کھوٹا نہیں دیتا

ہم کہ صابرؔ فن کی ابجد سے ہوں واقف
کام لفظوں کا ذخیرہ نہیں دیتا
٭٭٭


***

سب کو علم و ادب کا محور لکھ
شہر بھر کو مرے ہُنر ور لکھ

آزما اُس کی اب سخاوت بھی
لفظ دریا مٹا سمندر لکھ

ہر غزل جب مری  مرصّع ہے
مجھ کو نقّاد پھر سُخنور لکھ

اب گلوں نے مزاج بدلا ہے
پنکھڑی پنکھڑی ہیں نشتر لکھ

جیت کر خالی ہاتھ آیا ہوں
نام میرا بھی اب سکندر لکھ

جن کو برسوں سنبھال کر چاہا
وہ گُہر ہو گئے ہیں پتّھّر لکھ

جب پڑی اک لکیر موسیٰؑ پر
ذرّہ ذرّہ ہُوا مُنوّر لکھ

فن کی قیمت بے ذوق کیا جانے
ذہن اُس کا ادب سے بنجر لکھ

ہو چکے کب سے بے سر و ساماں 
ہم کو صابرؔ کہ اب قلندر لکھ

٭٭٭


***
عمر جوٗں جوٗں بڑھتی گئی  زندگی کم ہوتی رہی
چاند جیسے گھٹتا رہا روشنی کم ہوتی رہی

ہم کو اکثر اس دور میں تجرُبہ ایسا بھی ہُوا
جب غرض آئی درمیاں دوستی کم ہوتی رہی

گھر کی فکروں نے وقت سے پہلے بوڑھا جو کر دیا
رونقیں چہرے سے لبوں سے ہنسی کم ہوتی رہی

ہو رہا ہے زر دار لوگوں میں جب سے اُس کا شمار
اُس کے لہجے سے دوستو! عاجزی کم ہوتی رہی

پڑ گئی ہم میں تفریق اور راہ چھوڑی اسلاف کی
تو مُسلماں بدلا تری برتری کم ہوتی رہی

جب جہاں بھی صابرؔ جلا ہے چراغِ علم و ہُنر
پھر وہاں سے ذہنوں کی سب تیرگی کم ہوتی رہی

٭٭٭

***
ٹوٹے الفاظ  لب پر رولنا  چاہتا ہے
کوئی معصوم بچّہ بولنا چاہتا ہے

کون ہے جو سنے گا اب یہاں بات تیری
ہر کوئی اس جہاں میں بولنا چاہتا ہے

کس نوعیّت کا پیمانہ ہے اُس کا ذرا دیکھ!
سچ کو میزان پر جو تولنا چاہتا ہے

عمرِ رفتہ کو پلٹے اب ورق در ورق وہ
بند رکھی سب کتابیں کھولنا چاہتا ہے

راز  اِس میں چھپے ہیں زندگی بھر کے صابرؔ
اپنے ماضی کو کیوں کر بھولنا چاہتا ہے

٭٭٭




***

کارگر ثابت نہ ہو جب کہ دوا کا رشتہ
کام پھر مرض میں آتا ہے دُعا کا رشتہ

بیٹیاں بنتی رہیں سب کی دُلہن بستی میں
ہر ہتھیلی سے جُڑے یا رب حنا کا رشتہ

مانگنے والا کبھی مایوس ہوگا کیسے
نسبتِ حق سے جو ملتا ہے دُعا کا رشتہ

اُس کے چھونے سے ہنسا کرتا ہے سارا گُلشن
بے زباں کلیوں سے رہتا ہے صبا کا رشتہ

جسمِ عریاں کی چلے اب تو نُمائش ہر سوٗ
آج کل تہذیب سے ٹوٹا حیا کا رشتہ


یہ تقاضہ ہے صلے کی آس  بھی  مت  رکھو تُم
جذبۂ ایثار میں ضم ہے وفا کا رشتہ

دشتِ تشنہ پر ٹھہرتے اور برستے کیسے؟
بادلوں کی گردشوں سے ہے ہوا کا رشتہ

کب جہاں میں کس کا ہم ا حسان لیتے صابرؔ
اِس طبیعت سے جُڑا ہے اک انا کا رشتہ

٭٭٭


***
کیوں بے وفا سے کوئی اُمّید کرنے لگا
دل پھر اُسی بھول کی تجدید کرنے لگا

مظلوم کے حق میں کہنے سے مُکرتا رہا
بزدل کوئی ظلم کی تائید کرنے لگا

کرتا ہے اب وہ مرے انداز میں گفتگو
بچّہ مرا اب مری تقلید کرنے لگا

ہم نے جسے بات کرنے کا سلیقہ دیا
یارو! وہی ہم پہ اب تنقید کرنے لگا

مجھ پر چھپا وار کر کے آزمانے لگا
وہ دشمنی کی ابھی تمہید کرنے لگا

احساس کو جو اُجالا دے رہا ہے مرے
اب مجھ کو چمکا کے وہ خورشید کرنے لگا

بس اک قدم بھول سے صابرؔ غلط کیا پڑا
پھر جو مِلا وہ مجھے تاکید کرنے لگا
٭٭٭




***
جہاں میں مجھ کو ایسے بھی ملے انسان کتنے
جو کر کے بھول جاتے ہیں یہاں احسان کتنے

بھنور کو کاٹنے کا ہر ہُنر ہے پاس میرے
سمندر کو اُٹھانے دیجئے طوفان کتنے

کہاں آ کر رُکا ہے کارواں یہ زندگی کا
اندھیرا گھپ ہے رستے بھی ہوئے سنسان کتنے

کہ جب سے نا موافق وقت کی زد پڑ رہی ہے
شناسا ہو گئے مجھ سے ابھی انجان کتنے

تلاشِ رزق میں ہر آدمی شہروں کو نکلا
یوں پیچھے رہ گئے ہیں گاؤں بھی ویران کتنے
        
یہاں کس کس کے  چہرے سے نقابیں ہم اُٹھائیں
بشر کے بھیس میں ملنے لگے شیطان کتنے

پکی فصلیں تو ساری قرض دینے میں اُٹھا دی
نوالے کو ترستے رہ گئے دہقان کتنے

جواں بیٹا ہُوا ہے حادثے کی نذر صابرؔ
کہ باقی رہ گئے ماں کے ابھی ارمان کتنے

٭٭٭

***
فہم والے یاں تو جاہل ٹھہرے
عقل کے اندھے  ہی عاقل   ٹھہرے

خود کا چہرا پڑھ رہا ہوں پل پل
آئینے جب سے مُقابل  ٹھہرے

مُستند ہوئی گواہی جھوٹی
بے گُنہ بھی اب تو  قاتل ٹھہرے

لاکھ چاہا پھر بھی چھوتا کیسے
ضبط کی دیوار حائل ٹھہرے

رہنما رہزن زمانے بھر کے
ایک ہی مکتب کے داخل ٹھہرے

غیر سارے تھے مُخالف سمجھا
اُن میں کیوں اپنے بھی شامل ٹھہرے
                                    
وقت آ لے لے خراجِ ہستی
اِمتحاں کے ہم جو قابل ٹھہرے

ہے فقط چلنا مقدّر صابرؔ
جستجوٗ کا کچھ تو حاصل ٹھہرے

٭٭٭


***
اندھیرا دور ہو جائے شکستہ سے مکانوں کا
رہے رشتہ ہمیشہ دھوپ سے اِن سائبانوں کا

بُلائے کامیابی کی طرف آؤ چلیں ہم سب
خُدا دل پر اثر ہو اب مؤذّن کی اذانوں کا

جھلس کر رہ گئے پَر اُن کے سورج کی تمازت سے
تکبُّر تھا بہت یارو! جنھیں اونچی اُڑانوں کا

تغافل کی ستم دیدہ رہے اُردوٗ زباں کب تک
سُنہرا کیوں ہے مستقبل یہاں باقی زبانوں کا

کسی بھی سمت جائیں وہ برابر لوٹ آتے ہیں
پرندوں کو پتہ ہوتا ہے سب اپنے ٹھکانوں کا

 جہاں سے چل دیے اُس کی طرف سارے پیمبر ہی
نہیں پیغام دے گا کوئی اب اگلے زمانوں کا

سفر پہلا مکمّل بھی نہیں ہوتا ابھی صابرؔ
سُناتا ہے سفر نامہ کوئی کتنے زمانوں کا
٭٭٭
***
مرا بچپن مجھے پوچھے دھنک ہو جب خلاؤں میں
یہ ست رنگی سا آنچل کس نے لہرایا ہواؤں میں

ہر اک آواز جا کر پھر پلٹ آئے سماعت پر
یہاں پر قید ہے جیسے ہر اک اپنی صداؤں میں

زمانے نے تو شعلے رکھ دیے اُس کی جڑوں میں بھی
کبھی پھل پائے تھے آرام پایا جس کی چھاؤں میں

تمہاری ہر ضرورت جانتا ہے وہ کہ کتنی ہے
نہ مانگو اپنی حاجت سے زیادہ تم دُعاؤں میں 

یقیناً بولنے لگتے اگر اپنی زباں دیتا
مجھے گونگے ملے کردار کتنے ہی کتھاؤں میں

کہاں باقی رہی آوارگی ہم میں لڑکپن کی
معاشی فکر کی اب تو پڑی زنجیر پاؤں میں

مجھے اک آس ہے اُس کے تعلّق سے کہ کب صابرؔ
نکل آئے وفاؤں کا کوئی پہلو جفاؤں میں
٭٭٭
***
یہاں پر خوش گُمانی میں کئی غرقاب ہو گئے
عمل پیرا ہوئے جو صاحبِ اسباب ہو گئے

مری آنکھوں کا ہر آنسوٗ لہو بن کر ٹپک پڑا
تری یادوں کے سب سوکھے شجر شاداب ہو گئے

یہ عالم ہے جدھر جاؤں اُدھر دیکھوں دھواں دھواں
ارادے ٹوٹ کر بکھرے تو جیسے خواب ہو گئے

جنوں لے کر وہ جب نکلے اُجالوں کی تلاش میں
ہوا ایسا ستارے بھی کئی مہتاب ہو گئے

اُنھوں نے دیکھ لی جب انکساری آفتاب کی
تکبّر سے چمکتے آئینے بے آب ہو گئے

زمانے نے جنھیں اپنا سمجھ رکھا تھا رہ نُما
وہ تو خود ہی کتابِ کجروی کے باب ہو گئے

زباں پر آ گئی صابرؔ حقیقت جب چھُپی ہوئی
اُسی دن سے خفا مجھ سے مرے احباب ہو گئے
٭٭٭


***

ایک چہرے پہ ہیں کئی چہرے
پڑھ نہیں پاؤ گے سبھی چہرے

خود کی پہچان ہو گئی مُشكل
یوں بدلتی ہے زندگی چہرے

تیز تھی غم کی دھوپ ہم پر یوں
کھو چکے کب سے تازگی چہرے

زہرِ غم پی کے مُسکراتے ہیں
اُن کے دیکھے ہیں کبھی چہرے؟

کیا خبر کب دبوچ لے آ کر
موت ہر وقت تاکتی چہرے

ہر گھڑی کیوں سپاٹ لگتے ہیں
تن پہ ہوں جیسے کاغذی چہرے

اب کہاں تاب مُسکُرانے کی
خوف سے زرد ہیں ابھی چہرے

ہم نے دیکھا ہے بارہا صابرؔ
اپنے لگتے ہیں اجنبی چہرے

٭٭٭



***
در اُس کا چھوڑ کر کیوں نادان مانگتا ہے؟
کس کس کے در پہ جا کر اِنسان مانگتا ہے

اپنے ہی شہر میں آ کر اجنبی ہُوا ہوں
مجھ سے مرا ہی سایا پہچان مانگتا ہے

اچھّا نہیں سیاست میں گر ملے بڑا پن
یہ کُرسیوں کے بدلے ایمان مانگتا ہے

اب نیکیوں کا سودا بھی کر رہا ہے انساں
احسان کے عوض میں احسان مانگتا ہے

اے کاش یہ اندھیرا رازِ فنا سمجھ لے
نادان روشنی سے پہچان مانگتا ہے

اوراقِ زندگی پر ماضی نے لکھ دیا کیا
اب حرف حرف اُس کا عنوان مانگتا ہے 

موجوں کا یہ تلاطُم اب بے سبب نہیں ہے
صابرؔ خموش ساحل طوفان مانگتا ہے

***

زمانے نے ارماں نکالے بہت ہیں
مری سمت پتھر اُچھالے بہت ہیں

انا کا یہ بیوپار مجھ سے نہ ہوگا
مجھے اپنے سوٗکھے نوالے بہت ہیں

ابھی اپنی تقدیر خود لکھ رہا ہوں
نہیں غم جو ہاتھوں میں چھالے بہت ہیں

شکایت تو غیروں سے کرنا عبث ہے
ہمارے ہی ذہنوں میں جالے بہت ہیں

دکھاتے ہیں دیکھو مگر مچھ کے آنسوٗ
دلوں کے مگر لوگ کالے بہت ہیں


حفاظت کریں گے ہم  اُس کے گھروں کی
کہ ملّت میں میری جیالے بہت ہیں

مجھے ہجر کے اِن اندھیروں کا غم کیا
تری یاد کے یہ اُجالے بہت ہیں

سنبھل کر ہی رہیو ذرا اُن سے صابرؔ
جہاں میں اُلٹ پھیر والے بہت ہیں

٭٭٭


***


فسادوں میں جو بچا غنیمت نہیں ہے کیا
اگر گھر جلا تو سر سلامت نہیں ہے کیا

ہر اک زندگی ہوئی ہے پل میں دھواں دھواں
جو گزری عراق پر قیامت نہیں ہے کیا

ہے بربادیوں پہ مُسکُرانے کا حوصلہ
یہ حالات سے تری بغاوت نہیں ہے کیا

خریدے بھی جاتے ہیں یہاں لڑکیوں کو بر
یہ رشتوں کے نام پر تجارت نہیں ہے کیا

بکھرنے کے بعد پھر سمٹنا سکھا دیا
کیوں زندگی کی یہ عنایت نہیں ہے کیا

کی ظالم کی ہاں میں ہاں مگر سوچنا کہ یہ
تشدُّد و ظلم کی حمایت نہیں ہے کیا

زمیں مل گئی تو آسماں کی طرف بڑھا!
طبیعت میں تیری کچھ قناعت نہیں ہے کیا

وطن سے وفا کی بات کرتا ہے اِن دنوں
لٹیروں سے اب تری شراکت نہیں ہے کیا
                           
٭٭٭


***
اک سبق دیا ماں نے صبر کا قناعت کا
کھیل تو نہیں تھا پتّھر اُبالتے رہنا

کارِ خیر میں نہ ہو دوستو!ریاکاری
اپنی نیکیاں  تُم دریا میں ڈالتے رہنا

آج ہے سیاست دانوں سے دوستی جیسے
اپنی آستینوں میں سانپ پالتے رہنا

کامیاب ہوں گے دُنیا میں آخرت میں بھی
زندگی عمل کے سانچے میں ڈھالتے رہنا

سر پہ زخم کھانے کا اک جنون ہے مجھ پر
اُن کا مشغلہ ہے پتّھر اُچھالتے رہنا

ہے خلوص یارو! انسانیت کا پہناوا
شخصیت کا یہ گہنا تُم اُجالے رہنا
٭٭٭


***

ہو گیا ہے درندہ صفت آج کل
کر رہا آدمی کا شکار آدمی

پل بہ پل کر رہا ہے سکوں کی تلاش
خواہشوں سے گھِرا بے قرار آدمی

موت جیسی حقیقت سے غافل ہُوا
زندگی پر کرے اعتبار آدمی

قحط انسانیت کا یہاں پڑ گیا 
یوں تو مل جائیں گے بے شمار آدمی

ایک سائے کے اطراف چلتا رہے
اشہبِ آرزو پہ سوار آدمی

آ گئی ہے غرض رشتوں کے درمیاں
بھول بیٹھا خلوص و شعار آدمی

ہر قدم پہ ہی جدّ و جُہد ہے یہاں
مر کے جیتا ہے یاں بار بار آدمی

جل کے تبدیل ہوتا ہُوا راکھ میں
اُنگلیوں میں اجل کی سِگار آدمی

تن سے گر جاں نکل جائے تو پھر ہے کیا
ہے فقط ایک مشتِ غُبار آدمی

٭٭٭


***

حسیں لگتی تھی دُنیا جب تلک مجھ پر جوانی تھی
طبیعت موج جیسی تھی خیالوں میں روانی تھی

مرا حق بولنا شاید اُسے اچھّا نہیں لگتا
نظر میں اُس کے میری بات قصّہ تھی کہانی تھی

میں بہتر جانتا ہوں تشنگی تشنہ کناروں کی
مرے ذّمے کبھی سوکھی ندی کی پاسبانی تھی

ہمارے ہی بُرے اعمال کا سایہ سروں پر تھا
غلط سمجھا سبھی نے یہ مصیبت آسمانی تھی

چکایا وارثوں نے قرض جس کو بیچ کر صابرؔ
حویلی وہ پُرانی تھی بزرگوں کی نشانی تھی
٭٭٭

***
زخم پر پھونک بھی دوا جیسی
ماں کی ہر بات ہے دُعا جیسی

مدّتوں سے سفر میں ہوں پھر بھی
انتہا کیوں ہے اِبتداء جیسی

چھوٹی دُنیا کی یہ بڑی خبریں
تیز رفتار ہیں ہوا جیسی

میری ہم راہ بن کے چلتی ہیں
مُشکلیں تو ہیں دل رُبا جیسی

جب بھی بھٹکا ترا خیال آیا
تیری یادیں ہیں نقش پا جیسی

اُن کی یہ مہربانیاں ہم پر
دھوپ کے شہر میں گھٹا جیسی

اجنبی شہر نے دیے صابرؔ
دن کڑا رات کربلا جیسی
٭٭٭

***
ہاتھ اپنے کیا کیا آیا حساب رہنے دے
دوڑ مت میاں دُنیا ہے سراب رہنے دے

تجرُبات ملتے ہیں زندگی کے مکتب میں
زندگی کو پڑھ پریوں کی کتاب رہنے دے

ایک دو لکیروں سے چہرے تو نہیں بنتے
چھوڑ کچّی نیندوں کے کچّے خواب رہنے دے

اِس طویل رستے میں یہ ہی کام آئیں گے
اِس چمن سے کانٹے چُن اور گُلاب رہنے دے

٭٭٭


***
ایک دم میں خواہشوں کا سمندر پی گیا
زہر اپنی نفس کا اک قلندر پی گیا

دہرِ فانی میں بقا کی  علامت کچھ  نہیں
موت کا حلقوم کتنے سکندر پی گیا

رابطہ اُس سے بڑھا ہر تمنّا مر گئی
صبر کی مٹّی قناعت کے پتّھر پی گیا

کامیابی اُس کی ہے منزلیں بھی اُس کی ہیں
کاوشوں میں گھول کر جو مقدّر پی گیا

اک جھلک سے بجھ گئی تشنگی صابرؔ مری
دل کی آنکھوں سے میں نورانی پیکر پی گیا

٭٭٭


***
اک ذرا سی خوشی غنیمت ہے
لطف کم زندگی سے ملتا ہے

جب بھی تھک ہار کر میں گھر آؤں
چین اُس کی ہنسی سے ملتا ہے

خود ہی اپنا وجود کھوتا ہے
راستہ جب گلی سے ملتا ہے

کاٹتا ہے گلے اندھیروں میں
دن میں وہ سادگی سے ملتا ہے

کل تلک ٹوٹ کر جو ملتا تھا
آج کچھ برہمی سے ملتا ہے

دُشمنی سے گلہ نہیں رہتا
زخم جب دوستی سے ملتا ہے

جب سے زر دار ہو گیا ہوں میں
ہر کوئی عاجزی سے ملتا ہے

اُس نے جب سے ضمیر بیچا ہے
سب سے شرمندگی سے ملتا ہے

بے کلی گرد پاؤں میں چھالے
کچھ تو آوارگی سے ملتا ہے

اپنی پہچان دیجئے صابرؔ
کیا کوئی اجنبی سے ملتا ہے
                            
٭٭٭

إ***
کر کے وہ تشدُّد جینا مُحال کرتا ہے
پھر امن، سکوں، خوشحالی بحال کرتا ہے

تنگ ہو گئے دستر خوان تنگ ہیں دل بھی
کون بھوکے ہمسائے کا خیال کرتا ہے

جھانکتا ہے ماضی کے دھندلے دریچوں میں
جوڑ کر وہ سب لمحے ماہ و سال کرتا ہے

کچھ تو مصلحت ہے میرے خموش رہنے میں
یہ پتہ ہے اُس کو پھر بھی سوال کرتا ہے

میں کہ اپنی مٹّھی میں آفتاب رکھتا ہوں
وہ پکڑ کے جگنو سمجھے کمال کرتا ہے
       
مالکِ حقیقی سے انطباق ہوتا ہے
اک فقیر مستی میں جب دھمال کرتا ہے

پھول کی پذیرائی خوشبوؤں سے ہے صابرؔ
آدمی کو اُس کا فن با کمال کرتا ہے

٭٭٭


***
تھا جو اپنا وہ اپنا رہا بھی نہیں
شہر میں چاہتوں کی فضا بھی نہیں

وقتِ رخصت عجب کیفیت ہے مری
خشک ہونٹوں پہ حرفِ دُعا بھی نہیں

ہم تو مُدّت سے پت جھڑ کے ہیں دام میں
سبز موسم کی کوئی صدا بھی نہیں

سب پہ تنقید کرتا پھرے خود مگر
متّقی بھی نہیں، پارسا بھی نہیں

وہ مری رہ نُمائی کا دعویٰ کرے
دو قدم ساتھ میرے چلا بھی نہیں

زندگی تجھ کو کیسے کہوں میَں دُلہن
تیرے ہاتھوں میں رنگِ حنا بھی نہیں

عمر بھر کا بچھڑنا مُقدّر ہُوا
لوٹ آؤں یہ ممکن رہا بھی نہیں

آ گئے جب سے پتھّر مرے ہاتھ میں
مجھ پہ پھر کوئی پتّھر اُٹھا بھی نہیں

ٹھوکریں تو سنبھلنا سکھاتی رہیں
سلسلہ حادثوں کا بُرا بھی نہیں

خار سی ہے چبھن گر مری بات میں
پھول سا نرم لہجہ ترا بھی نہیں

کیسے کہہ دوں میں صابرؔ اُسے ہم نوا
پاس آ کر جو مجھ سے ملا بھی نہیں
                              
٭٭٭



***

مشورہ بے ضرورت دیا مت کرو
بات حق ہو تو پھر چُپ رہا مت کرو

ہاتھ پھیلا کے کم ظرف کے سامنے
خود سے مجروح اپنی انا مت کرو

صبر کی دی ہے تعلیم اسلاف نے
تُم کسی کے لئے بد دُعا مت کرو 

حسنِ اسلوب بھی اب خوشامد لگے
احتراماً بھی جھک کر مِلا مت کرو

دوستو! عمر کو فکر کھا جائیگی
ذہن پر بوجھ رکھ کر جیا مت کرو
     
دھوپ سے سائے بڑھ جاتے ہیں قد میں
خود ستائی سے خود کو بڑا مت کرو

اب اُفق کے پرے بھی جہاں ہے نیا
ارض کی حد کو دُنیا کہا مت کرو

رنگ کچّا تھا دیوار کا دھُل گیا
تیز بارش کا صابر گلہ مت کرو

٭٭٭

***
گہرائی اُنڈیل کر گاگر باندھ لیں
آ موج در موج ہم ساگر باندھ لیں

بے سمت ہی اُڑ رہی ہیں آفاق میں
کوئی مری خواہشوں کے پر باندھ لیں

وہ مرتبہ ہم نہیں پا سکتے کبھی
 چاہے  اگر پیٹ  پر پتھر باندھ لیں

ایسی فضا ہو مری بستی کی کہ جو
اخلاص کی ڈور سے گھر گھر باندھ لیں

سازش،حسد بغض، کینہ یہ سب لگے
پھولوں میں جیسے کئی نشتر باندھ لیں

صابر ؔ  تجلّی سِمٹ آئے  قلب  میں 
کر لے تصوّف خیالِ دلبر باندھ لیں
٭٭٭
***
آسماں بھی اُمّیدوں کی زمین ہو جائے
یہ دھنک مرے خوابوں کی حسین ہو جائے

اے خُدا مرے اندر روز کوئی مرتا ہے
میرے زندہ ہونے کا کچھ یقین ہو جائے

قید چار دیواروں کی ہو سر چھپانے کو
وقت کا تقاضہ ہے اب مکین ہو جائے

اب یہاں ضرورت ابلیس کی رہے کیوں کر
گر بشر، بشر ہو کر بھی لعین ہو جائے

جو عیاں ہے وہ پنہاں بھی ہے یہ مُعمّہ کیوں!
پاک ذات تیری ہر سوٗ مُبین ہو جائے

اِس سفر میں صابرؔ کوئی تو مشترک ہوتا
کوئی میرے سکھ دکھ کا بھی امین ہو جائے
٭٭٭

***

آنکھ میں دو عکس پھر بھی تصویر ایک
دُکھ کے ساتوں رنگ غم کی تاثیر ایک

چاند، سورج، یہ ستارے الفاظ اُس کے
پانی پر لکّھی ہے اُس نے تحریر ایک

یہ مسائل، یہ مصائب آلام روز
کتنی کڑیاں جُڑ کے بنتی زنجیر ایک

٭٭٭


***
حرف کا اک سمندر ہُوا مُنجمد
کپکپاتے لبوں پر دُعا مُنجمد

لفظ گونگے سماعت بھی ہے بانجھ سی
ہو گئی ہے سسکتی صدا مُنجمد

ریت لمحوں کی مُٹھّی سے گرنے کو ہے
ساعتوں کا بدن بھی ہُوا مُنجمد

صبح دم کیں جو شبنم نے سرگوشیاں
شاخِ گُل پر ہر اک گُل ہُوا مُنجمد
                                       
٭٭٭

***
اُدھر سے لے کے انساں اِدھر بانٹ دیتا ہے
وہ دریا سخاوت میں اگر بانٹ دیتا ہے

وہ آ کر مری بستی میں ڈر بانٹ دیتا ہے
چناؤ کئی ٹکڑوں میں گھر بانٹ دیتا ہے

نکل  کر   نئے  رستوں   پہ  اُمّید کا  سورج
سبھی کے مُقدّر کا سفر بانٹ دیتا ہے

وہ پھلدار پیڑوں کی صفت خود میں رکھتا ہے
فقط پات رکھتا ہے ثمر بانٹ دیتا ہے

وہ کہ رات کے پہلوٗ میں نیندیں بچھاتا ہے
پرندوں کی چہکوں میں سحر بانٹ دیتا ہے

حصارِ  خودی  میں  قید  صابر  ؔ ہر اک  انساں      
زمیں، آسماں، سورج، قمر بانٹ دیتا ہے
٭٭٭
***
ہوئیں گُم خلاء میں دُعائیں بے چہرہ
ہیں رقصاں سسکتی صدائیں بے چہرہ

پروں میں اندھیرا لیے لوٹ آئیں
تمنّاؤں کی یہ فاختائیں بے چہرہ

مراسم، روابط، تعلّق، بے معنی
ترے شہر میں اب وفائیں بے چہرہ

شب و روز ملتے ہیں انساں کو ہر جا
مصائب، حوادث، بلائیں بے چہرہ

گرانی نے نگلے کھلونے مٹھائی
کہ بچپن کی ننّھی ادائیں  بے چہرہ

سرابوں سے منسوب  تھی  تشنگی کیوں؟
ہمیں مل گئیں ہیں گھٹائیں بے چہرا
٭٭٭
***
نقشِ پا بزرگوں نے راستوں میں چھوڑیے ہیں
تجرُبات کو گویا کم سِنوں میں چھوڑے ہیں

ہیں تمازتیں مسلک، دھوپ کے مُسافر ہم
کس لئے گھنے سائے راستوں میں چھوڑے ہیں

باز کی نگہبانی ہے،خدا حفاظت کر
اپنے بچّے چڑیوں نے گھونسلوں میں چھوڑے ہیں

ہم سے اب عذابِ خانہ بدوشی نہ پوچھو!
جل  چُکے مکاں ہم نے بستیوں میں چھوڑے ہیں

حال یوں اُجالوں کے ہم مُسافروں کا ہے
کچھ بجھے دیے گھر کی کھڑ کیوں میں چھوڑے ہیں

اک غزل ترے چہرے کی گُلاب جیسی ہے
لفظ جیسے پنکھڑیاں کاغذوں میں چھوڑے ہیں

رات کی سیاہی جب رہ نُما ہوئی صابرؔ
آس کے سبھی جگنو راستوں میں چھوڑے ہیں
٭٭٭

***
سَرِ مژگاں سجا رکھ دے
ستارہ جِھل مِلا رکھ دے

اے سورج ہے اگر جانا!
چراغوں میں ضیا رکھ دے

مری ماں میَں سفر میں ہوں
ہتھیلی پر دُعا رکھ دے

نہیں جنبش کہ دستک دوں
تو دروازہ کھُلا رکھ دے

بہت عُریاں ہوئیں راتیں
سحر کے تن حیا رکھ دے

مرے خوابوں کی دھر تی پر
خُدا منظر نیا رکھ دے

تو مت سب راز افشاں کر
کوئی پہلوٗ چھُپا رکھ دے

مُرصّع کر غزل تیری
لب و لہجہ مرا رکھ دے

برہنہ ہے زمانہ گر
نظر میں توٗ حیا رکھ دے

ذرا بے جان کلیوں پر
کوئی دستِ صبا رکھ دے

سیاست میں یہ جائز ہے
پھر اک وعدہ نیا رکھ دے

لکیریں کرب کی دیکھوں
مقابل آئینہ رکھ دے

وہ قادر ہے وہ چاہے تو
حجر میں بھی صدا رکھ دے

بیاضِ دل کا اے صابرؔ
ورق لکھ کر کھُلا رکھ دے

٭٭٭

***
پلَ پلَ زمانے کی نظروں  سے اُتر  رہا   ہے
وہ شخص جو کبھی میرا معتبر رہا ہے

تیرا طلسم مجھ پر یوں عمر بھر رہا ہے
اے مُنتظَر کہ دل تیرا مُنتظرِ رہا ہے

محسن مرے مجھے اپنی مُٹّھیوں میں بھر  لے
میرا وجود ریزہ ریزہ بکھر رہا ہے

میری بصارتوں نے جلوہ ترا ہی دیکھا
کوئی بصیر ہو کر بھی بے بصر رہا ہے

میلوں کی یہ مسافت،کندھوں پہ بوجھ خود کا
صدیوں چلا ابھی صدیوں کا سفر رہا ہے

ہیں بانجھ ابر سوکھے ، دریا سراب سا ہے 
خواہش کی کوکھ میں لمحہ لمحہ مر رہا ہے

صابرؔ نئے نئے اِمکانوں کی یہ صدی ہے
بچّہ ہوا کے آنچل میں رنگ بھر رہا ہے
٭٭٭

***
ہم نے بھی بھُلا دی ہیں سب رفاقتیں لکھنا
اب اُداس دن اور راتوں کی وحشتیں لکھنا

دیکھ شام کے آنگن میں ہر اک شجر چُپ ہے
اُن کی خامشی کو کاتب عبادتیں لکھنا

درس ہم نے سیکھا اخلاق کے مکاتب میں
لفظ نفرتیں پڑھنا اور محبّتیں لکھنا

رات بھر یونہی بھیگے تیری یاد کے جنگل
خوب  برسی ہیں ان آنکھوں سے بارشیں لکھنا

نصب کیجئے مجھ کو اپنے دل کے ایواں میں
اُس کے نام مانگے کی  ساری    شہرتیں  لکھنا

ہے یقیں بہا لے جائے گی وقت کی لہریں 
لوحِ ریگ پر  مت صابرؔ حقیقتیں لکھنا
٭٭٭


***
شبنم، صبا، بلبل،چہک باقی نہیں
پھولوں میں بھی پہلی مہک باقی نہیں

سب طرزِ نوَ کے سانچے میں ڈھلنے لگے
ہم میں بزرگوں کی جھلک باقی نہیں

دیوانگی اپنی ہمیں لائی کہاں؟
نیچے زمیں اوپر فلک باقی نہیں

برسوں پُرانے رابطے ٹوٹے سبھی
ملنے کی اب دل میں للک باقی نہیں

آئینہ جب بھی دیکھتا ہوں تو لگے
چہرے پہ اب پہلی چمک باقی نہیں

تھیں دستِ شفقت میں کبھی جلوہ نُما
اُن چوڑیوں کی بھی کھنک باقی نہیں

پت جھڑ سے صابرؔ ربط کچھ ایسا بڑھا
خاروں سے بھی کوئی جھجک باقی نہیں



***

کتابِ زندگی پر صفحہ صفحہ سختیاں لکھ دیں
شجر کے زرد پتّے اور سوکھی ٹہنیاں لکھ دیں

عمل کرتے نہیں دیوار مکتب کی سجائی ہے
کرو ماں باپ کی خدمت دکھانے تختیاں لکھ دیں

کسانوں کے گھروں میں چولہا  اب نہ جلے شاید
زمیں گِروی تھی پہلے آج کچّی بالیاں لکھ دیں

مری بستی پہ کیا گزری تمہیں چہرے بتائیں گے
ہر اک ماتھے پہ اخباروں کی جلتی سُرخیاں لکھ دیں

ادب کیا فلسفہ کیا  شاعری کیا سب تجارت ہے
قلم والوں نے زر کے بدلے اپنی انگلیاں لکھ دیں

مری جاناں کبھی ہم نے جو نم دیدہ تجھے پایا
گہر اشکوں کو اور پلکوں کو کھُلتی سیپیاں لکھ دیں

دعائیں میں نے لکھ بھیجیں جوابوں میں مگر اُس نے
خطوں میں سلسلہ در سلسلہ کیوں تلخیاں لکھ دیں

ہنر زندہ ہے ہر پتّھر میں صدیوں سے وہاں صابرؔ
مورّخ نے  جنھیں ماضی کی اُجڑی بستیاں لکھ دیں

٭٭٭



***
بُرا وقت آ کر گزرتا نہیں ہے
مسرّت بھرا پل ٹھہرتا نہیں ہے

کرو خود اُجالوں کے اسباب پیدا
چراغوں میں سورج اُترتا نہیں ہے

سنبھالیں سبھی مرتبہ اپنا اپنا
سمندر تو دریا میں گرتا نہیں ہے

رگوں میں لہو خشک کرتا ہے ہر شعر
بے محنت سُخنور سنورتا نہیں ہے

بزرگوں کی عزّت ہے جس گھر کا شیوہ
یہ سچ ہے کہ وہ گھر بکھرتا نہیں ہے

انا پر اگر بات آ جائے صابرؔ
ہواؤں سے تنکا بھی ڈرتا نہیں ہے

٭٭٭


رباعیات

﴿٭﴾
سب جان کے بھی کتنا انجان ہوا
دانا ہے مگر بھر بھی نادان بڑا 
کہتا ہے دمِ آخر ہر ایک حُباب
انسان سمجھ فنا کا مفہوم ہے کیا 

﴿٭﴾
اسلاف کے اسلوب گزرتے ہیں شاق
رکھّا ہے روایت کو بالائے طاق
پامال ہوئیں سب اخلاقی قدریں
ہے بند نصابوں میں درسِ اخلاق

٭٭٭




ماہیئے

﴿٭﴾

اخلاق  خزینہ  ہے 
قوم کے ہاتھوں میں
نایاب  نگینہ  ہے 

﴿٭﴾

کر کام  بھلائی کا
سوچ  ! بُرا  ہوگا
انجام    بُرائی کا


﴿٭﴾

بس ایک  نظر کر دے
بخش  خدایا  تو
ذرّے کو  گُہر کر دے

٭٭٭
ان پیج سے تبدیلی۔  تدوین۔  اور  برقی کتاب کی تشکیل: اعجاز عبید

