﻿

زبانِ یارِ مَن




محمد یعقوب آسی





حرف غایت 


برصغیر پاک و ہند کی تہذیب کا مطالعہ ظاہر کرتا ہے کہ یہاں کی ثقافت پر جتنا اثر فارسی نے چھوڑا ہے، شاید کسی اور زبان نے نہیں چھوڑا۔ سب سے اہم اور بنیادی حقیقت اردو کا رسم الخط ہے جو اسے فارسی نے عطا کیا۔ اس کے علاوہ ہم دیکھتے ہیں کہ جملے کی ساخت ہو، یا ترکیب سازی، معاملہ بندی ہو یا ایماء و اختصار، فارسی کا نمایاں اثر ہر صاحبِ علم کو دکھائی دیتا ہے۔ اردو شاعری بالخصوص فارسی سے فیض یاب ہوئی ہے، اکثر شعری اصناف فارسی سے آئی ہیں یا فارسی کے وسیلے سے اردو میں متعارف ہوئی ہیں ۔ اردو کے اساتذہ،چوٹی کے شعراء  اور دیگر اہلِ ہنر کی ایک طویل فہرست بنتی ہے جو نہ صرف اردو بلکہ فارسی زبان و بیان میں بھی ماہر تسلیم کئے جاتے ہیں ۔ بہت سوں نے اردو اور فارسی دونوں زبانوں میں شعر بھی کہے، نثر بھی لکھی۔ اقبال کے حوالے سے تو یہاں تک منقول ہے کہ ان کے نزدیک فارسی میں اظہار زیادہ محیط اور قوی ہے۔ ہماری اردو شاعری کی بنیاد رکھنے والوں کے ہاں غزل کے ایسے نمونے بھی ملتے ہیں جن میں ایک مصرع اردو میں تو دوسرا فارسی میں ہے۔ نثر کو لے لیجئے، جملے کی ساخت سے لے کر قواعد و انشاء تک فارسی کا اثر نمایاں ہے۔ ہماری گرامر اور گردان کی بنیاد فارسی پر ہے، اور ترکیب سازی کے سارے طریقے فارسی کے ہیں ۔ ایک بڑی عجیب بات حرف و معنی سے تعلق رکھنے والے طبقے کے حوالے سے دیکھنے میں آئی ہے کہ فارسی کا رسمی علم نہ رکھنے کے باوجود ان کے ہاں فارسی کا صحیح استعمال پایا جاتا ہے(یہ در اصل فارسی کے اردو میں رچاؤ کا اثر ہے)۔  تاہم جب کہیں فارسی شاعری یا نثر سے براہ راست واسطہ پڑ جائے تو ایسے احباب کے لئے مشکل پیدا ہو جاتی ہے۔ ضروری ہے کہ اس مشکل پر قابو پایا جائے اور فارسی زبان کے قواعد سے لازمی حد تک شناسائی حاصل کی جائے۔ حرف و معنی سے وابستہ احباب کے پاس اتنا ذخیرہ الفاظ ضرور موجود ہوتا ہے کہ انہیں یہ قواعد نہ تو اجنبی محسوس  ہوں گے اور نہ ہی وہ ان کے اطلاق میں کوئی دقت محسوس کریں گے۔ ان اسباق کو ترتیب دیتے وقت ہم نے ایسے ہی احباب کو پیشِ نظر رکھا ہے، تاہم اتنی تفصیلات ضرور فراہم کر دی ہیں کہ فارسی پڑھنے والا عام طالب علم بھی ان اسباق کو بہ آسانی سمجھ سکے۔ 
 ۲۰۰۱ء میں لکھا گیا یہ کتابچہ تھا دو حصوں پر مشتمل ہے۔ پہلا حصہ ’’اسباقِ فارسی‘‘ اور دوسرا حصہ ’’زبانِ یارِ مَن‘‘ کے زیرِ عنوان ’’ماہنامہ کاوش، ٹیکسلا‘‘ میں قسط وار شائع ہوا، بعد ازاں انٹرنیٹ پر ایک ادبی فورم ’’انگریزی اردو فارسی عربی‘‘ میں پیش کیا گیا۔ سیکھنے سکھانے کے عمل میں تاثراتی تبصروں سے کہیں زیادہ اہمیت سوالوں اور ان کے شافی جوابات کی ہوا کرتی ہے۔انٹرنیٹ پر اکثر تبصرے تاثرات پر مشتمل تھے کچھ پر مغز سوالات بھی اٹھائے گئے، جن کی روشنی میں ضروری قطع و برید کے بعد یہ صورت بن پائی ہے۔ مجھے اپنے قارئین سے بجا طور پر یہ امید ہے کہ میری اس کاوش کا بالاستعیاب مطالعہ فرمائیں اور مجھے میری علمی کوتاہیوں پر خبردار کرنے کے ساتھ ساتھ مناسب راہنمائی بھی کریں ۔



فارسی کے حروفِ تہجی 


فارسی کے حروفِ تہجی کا غیر رسمی تعارف پیش کیا جاتا ہے۔ مختصراً یوں کہئے کہ فارسی کے حروفِ تہجی قریب قریب اردو والے ہی ہیں، کچھ بنیادی باتیں دیکھ لیجئے۔
۔۱۔ ٹ، ڈ، ڑ ۔۔۔ کو نکال دیجئے۔ 
۔۲۔ ذال: ایک مکتبہ فکر اس کو فارسی کے حروف تہجی میں شامل کرتا ہے ایک نہیں کرتا۔ اس ضمن میں میرا مضمون ’’گذارش یا گزارش‘‘ احباب کے علم میں ہے۔ ہم فی الحال ’’ذ‘‘ کو فہرست میں شامل رکھتے ہیں ۔ 
۔۳۔ نون کی حیثیت میں تھوڑا سا فرق ہے، میرا مضمون ’’نون فارسی اور نون غنہ ‘‘ بھی احباب دیکھ چکے۔ 
۔۴۔ واوِ معدولہ فارسی سے خاص ہے۔
۔۵۔ ’’ژ‘‘ بھی فارسی سے خاص ہے۔ علمائے زبان اسے ’’زائے فارسی‘‘ کا اصطلاحی نام دیتے ہیں ۔
۔۶۔ کسی قدر تفصیل پہلے حصے میں شامل ہے۔ 
۔۷۔ دو چشمی ھ والے مرکب حروف: ’’بھ، پھ، تھ، ٹھ ۔۔۔۔۔۔۔‘‘ فارسی میں نہیں ہیں ۔
۔۸۔ ہائے ہوز:  جسے عرفِ عام میں چھوٹی ہ کہتے ہیں، فارسی میں (ہ) اور (ھ) دونوں صورتوں میں لکھی جاتی ہے۔ اس سے لفظ کی ساخت میں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
۔۹۔ اردو میں یائے کی دو صورتیں ہیں ۔ المعروف چھوٹی ی: عموماً یائے معروف کے لئے، کہ اس کے ماقبل پر علامت زیر ہوتی ہے، لکھی جائے نہ لکھی جائے: دی، لی، پی، سی، وہی، کسی، مالی؛ وغیرہ۔ اور، بڑی ے: جب اس کے ماقبل پر کوئی اعراب نہ ہو تو اِسے عام طور پر یائے مجہول سمجھا جاتا ہے: لے، دے، دیکھے، سنے، بیر، دیر ؛وغیرہ۔ اس کے ماقبل پر زبر ہو تو یہ یائے لین کہلاتی ہے: مَے، لَے، کَیسا، پَیسے (اول یائے لین اور دوم یائے مجہول)، کَیسی (اول یائے لین اور دوم یائے معروف)، دیسی (اول یائے مجہول اور دوم یائے معروف)۔لفظ کے اندر واقع ہونے کی صورت میں یائے لین، یائے مجہول اور یائے معروف کی شناخت صرف ماقبل پر واقع ہونے والی حرکت یا اعراب ہے: شِیشے (اول یائے معروف اور دوم یائے مجہول)، وَیسی (اول یائے لین اور دوم یائے معروف)، چِینی (دونوں یائے معروف)۔ تاہم عمومی مطالعے میں ہمیں اعراب کی چنداں ضرورت نہیں پڑتی۔
۔۱۰۔ واوِ معدولہ: فارسی کے بعض الفاظ میں واو لکھنے میں آتی ہے پڑھنے میں یا تو آتی ہی نہیں یا پھر اس کا عمل حرکت پیش جیسا ہوتا ہے۔ مثلاً: خواب، خوار، خوردن، خویش، خوش، خود، خورشید، خواہش، خواندن؛ وغیرہ؛ ایسی واو کو واوِ معدولہ کہتے ہیں ۔ واوِ معدولہ جہاں املاء میں شامل ہو اُسے شامل رکھنا پڑے گا، ہم اس کو حذف نہیں کر سکتے۔ مثال کے طور پر لفظ خوار کو ہم خار نہیں لکھ سکتے۔ موٹی سی علامت دیکھ لیجئے کہ کسی لفظ میں حرف ’’خ‘‘ کے فوراً بعد واو ہو اور اس کے بعد ’’الف‘‘ یا ’’یائے‘‘ واقع ہو تو ایسی واو معدولہ ہو سکتی ہے (ضروری نہیں ): خواب، خوار، خویش میں واوِ معدولہ ہے جب کہ خواتین میں ایسا نہیں ۔ جہاں ’’خو‘‘ کے بعد ’’ر‘‘، ’’ش‘‘ یا ’’د‘‘ واقع ہو وہ بھی واوِ معدولہ ہو سکتی ہے (ضروری نہیں ): خوردن میں واو معدولہ ہے خوراک میں نہیں ؛ خوشی، خوشا میں واو معدولہ ہے خوشہ میں نہیں ۔ امر واقع یہی ہے کہ ہمیں اہل زبان کا تتبع کرنا ہو گا۔ 
 شذرہ : فارسی میں یائے کی دونوں میں سے کوئی سی صورت لکھی جا سکتی ہے،تاہم واضح رجحان گول ’’ی‘‘ لکھنے کا ہے۔ اس کو پڑھنے کا موقع محل اپنا اپنا ہوتا ہے۔ یائے لین تو بالکل عربی اور اردو کے مماثل ہوتی ہے۔ یائے مجہول گفتاری فارسی کے زیادہ تر لہجوں میں نہیں ہے۔ اس کا زیادہ جھکاؤ یائے معروف کی طرف ہوتا ہے اور ترجیحات اپنی جگہ مؤثر ہوتی ہیں ۔ ’’یائے مستور‘‘ کا ذکر اپنی جگہ آئے گا۔


پہلا حصہ
اسباقِ فارسی

 پہلا سبق : کلمہ اور مہمل، اسم، اسمِ نکرہ، اسمِ معرفہ، اسمِ ضمیر، ضمیر متصل اور منفصل


کلمہ اور مہمل: ہر وہ بامعنی لفظ جو ہم ادا کرتے ہیں، کلمہ کہلاتا ہے۔ اس کے برعکس ایسی آوازیں یا الفاظ جو فی نفسہٖ کوئی معنیٰ نہ رکھتے ہوں انہیں مہمل کہا جاتا ہے۔ کلمہ کی تین صورتیں ہیں : اسم، فعل اور حرف
اسم: کسی بھی چیز، انسان، جگہ، حالت، وقت کے عام یا خاص نام کو جو اس کی شناخت بہم پہنچائے اسم کہا جاتا ہے۔ اسم کی چند اہم اقسام درج کی جاتی ہیں :
اسم نکرہ: وہ اسم جو کسی عام شے یا جگہ کو ظاہر کرے، اس سے مذکورہ شخص، شے یا جگہ پوری طرح مذکور نہیں ہو پاتا۔ مثلاً: مرد، شہر، گلستان، شارع، روز، فرس۔ ان اسماء میں مرد کے بارے میں نہیں معلوم کہ اس کا نام کیا ہے، یہی معاملہ شہر اور شارع کا ہے اور یہ بھی مذکور نہیں کہ آیا فرس سے مراد کوئی خاص گھوڑا ہے یا گھوڑا بطور قِسم مذکور ہے۔
اسم معرفہ: جیسا کہ نام سے ظاہر ہے یہ کسی خاص شخص، جگہ، شے کو ظاہر کرتا ہے۔ مثلاً: محمد بن قاسم، احمد، سلطان، گلستانِ فاطمہ، دُلدُل، لاہور، تہران، وغیرہ میں اشیاء و انفس کے نام ان کی تخصیص کر دیتے ہیں ۔
اسم ضمیر: بسا اوقات گفتگو اور جملوں میں ہم اشخاص کے ناموں کی بجائے ایسے مختصر کلمات استعمال کرتے ہیں جو، ان ناموں کی طرف مکمل حوالہ بناتے ہیں ۔ مثلاً: میں، وہ، آپ، تجھے (من، اُو، شما، تُرا) وغیرہ۔
 ضمیر کی دو صورتیں ہیں : منفصل اور متصل۔ ضمیر منفصل وہ ہے جہاں اسم ضمیر ایک مکمل اور آزاد لفظ کی صورت میں ہو۔ اُو (وہ واحد: واحد غائب)، ایشان (وہ جمع: جمع غائب)، تو (تُو، آپ: واحد حاضر)، شما (تم، آپ: جمع حاضر)، مَن (مَیں : واحد متکلم)، ما (ہم: جمع متکلم)

یہاں صیغوں کی ترتیب نوٹ کر لیجئے۔ گردان میں ہر جگہ یہی ترتیب ہوتی ہے۔ یعنی:  پہلا صیغہ: واحد غائب، دوسرا: جمع غائب،تیسرا: واحد حاضر،چوتھا: جمع حاضر،پانچواں : واحد متکلم،اور چھٹا: جمع متکلم۔ 
 مزید واضح رہے کہ فارسی میں ضمائر اور افعال کے حوالے سے مذکر مؤنث کے لئے الگ الگ صیغے نہیں ہوتے جیسے اردو اور عربی میں ہوتے ہیں ۔ 
 متصل ضمیر: ایسے ضمائر جس اسم کے ساتھ آئیں اس کے ساتھ مرکب اضافی بناتے ہیں ۔ مثلاً: کتابم (میری کتاب) میں م، قلمت (تیرا قلم) میں ت۔ یہ اپنے ماقبل سے لفظاً جڑے ہوئے ہوتے ہیں ۔ مرکب اضافی کے دو جزو ہوتے ہیں ۔ مضاف وہ اسم ہے جس کا کسی دوسرے اسم (یا، ضمیر) سے تعلق ہو۔ دوسرے کو مضاف الیہ کہا جاتا ہے۔ اوپر کی مثالوں میں کتاب اور قلم مضاف ہیں جب کہ میں اور تو ان کے بالترتیب مضاف الیہ ہیں ۔ مرکب اضافی کے لئے متصل ضمائر کی ترتیب ایک مثال کی صورت میں دیکھ لیجئے: کتابش (اس کی کتاب)، کتابشان (اُن کی کتاب)، کتابت (تیری کتاب)، کتابتان (تمہاری کتاب)، کتابم (میری کتاب) اور کتابمان (ہماری کتاب)۔  ترتیب یہ ہوتی ہے:۔ پہلا صیغہ: واحد غائب (ش: اس کا، اس کی، اس کے)، دوسرا: جمع غائب (شان: ان کا، ان کی ان کے)،تیسرا: واحد حاضر (ت: تیرا، تیری، تیرے)،چوتھا: جمع حاضر (تان: تمہارا، تمہاری، تمہارے)،پانچواں : واحد متکلم (م: میرا، میری، میرے)،اور چھٹا: جمع متکلم (مان: ہمارا، ہماری، ہمارے)۔
 مضاف مکسور ہوتا ہے اور مضاف الیہ سے پہلے واقع ہوتا ہے:۔ نورِ نظر (نظر کا نور: مراد ہے بیٹا)، شہرِ خموشان (خاموشوں کا شہر: مراد ہے قبرستان)، آوازِ سگان (کتوں کی آواز یا بھونکنا)، رزقِ گدا (گدا کا رِزق)، نظرِ کرم (کرم کی نظر: مراد ہے عنایت، مہربانی)، ہوائے شہر (شہر کی ہوا: مراد ہے لوگوں کا مزاج اور رویہ)، جائے پناہ (پناہ کی جگہ: مراد ہے محفوظ ٹھکانا)؛ وغیرہ میں نور، شہر، آواز وغیرہ مضاف ہیں اور نظر، خموشان، سگان وغیرہ اِن کے مضاف الیہ ہیں ۔ اسی نہج پر ہم اسمائے ضمیر منفصل کے ساتھ ترکیبِ اضافی بناتے ہیں ۔ یارِ من (میرا دوست)، سوئے تو (تیری سمت)، میہنِ ما (ہمارا ٹھکانا)، کارِ شما (تمہارا کام)؛ وغیرہ۔
یہاں ایک سوال پیدا ہوتا ہے: کتابم (میری کتاب) کہا جائے یا کتابِ من؟ دلِ تو (تیرا دل) کہا جائے یا دِلت؟ کہ ان کے معانی مماثل ہیں ۔ جواب اس کا یہ ہے کہ شعر میں لفظیاتی تقاضوں کے پیشِ نظر شاعر اپنی صوابدید کے مطابق ضمیر متصل یا ضمیر منفصل کو استعمال میں لا سکتا ہے، نثر میں لفظیات کی صوتیت اور بہاؤ کے پیش نظر جو مناسب تر ہو۔ بات وہی ہے کہ ہمیں اہلِ زبان کا تتبع کرنا ہو گا۔

شذرہ: گفتم (میں نے کہا) میں م، شنیدی (تو نے سنا) میں ی، دیدیمش (ہم نے اسے دیکھا) میں یم اور ش۔ یہ ہیں تو ضمائر ہی، تاہم یہ افعال کے اعتبار سے ہوتے ہیں ۔ افعال کی گردان میں ضمائر (صیغوں ) کی تفصیل بعد میں آئے گی۔


دوسرا  سبق :  اسم اشارہ، اسم استفہام، اسمِ موصول، اسمِ کیفیت، اور اسمِ صفت  


اسم اشارہ: کسی اسم وغیرہ کی طرف اشارہ کرنے والے کلمات، یہ دو ہیں : اشارہ قریب (یہ: این۔ جمع: ایناں، اینہا)،  اور اشارہ بعید (وہ: آن۔ جمع: آناں، آنہا)۔ فارسی میں جمع بنانے کے دو معروف طریقے ہیں : (ا) واحد کے آخر میں ’’ہا‘‘ کا اضافہ جیسے کتابہا، قلمہا، چیزہا، کوزہ ہا؛ وغیرہ۔ (۲) واحد کے آخر میں ’’ان‘‘ کا اضافہ جیسے مردان، کارکنان، صاحبان؛ وغیرہ۔ عام طور پر واحد غیر عاقل کے آخر میں ’’ہا‘‘ بڑھاتے ہیں اور واحد عاقل کے آخر میں ’’ان‘‘۔ مزید تفصیل اپنے مقام پر آئے گی۔ اسمِ اشارہ جمع (قریب: اینان، اینہا؛ بعید: آنان، آنہا) میں بھی یہ امر پیشِ نظر رکھا جاتا ہے۔ اگر این یا آن کا اشارہ کسی واحد عاقل کی طرف ہو مثلاً: مرد، زن، طفل، عالم، کارکن تو اشارہ جمع کی صورت اینان، آنان ہو گی۔ اور اگر این یا آن کا اشارہ کسی واحد غیر عاقل کی طرف ہو مثلاً: شے، کتاب، تختی، میز، طیارہ وغیرہ، تو اشارہ جمع کی صورت اینہا، آنہا ہو گی۔
یاد رہے کہ اسم ضمیر اور اسم اشارہ کا محل مختلف ہوتا ہے۔ اسمِ ضمیر کسی دوسرے اسم کا قائم مقام ہوا کرتا ہے جب کہ اسمِ اشارہ کی اپنی ایک معینہ حیثیت ہے۔ اسم ضمیر پر بات پہلے ہو چکی ہے۔
 اسمِ استفہام: وہ اسم ہے جس میں سوال پایا جاتا ہو۔ مثلاً: کہ (کون)،کجا (کہاں )، چہ (کیا)، چوں (کب، کیسے)؛ وغیرہ۔ اسمِ استفہام جہاں سوالیہ کی بجائے موصولی معنے دے گا اسمِ موصول کہلائے گا۔ مثلاً: کہ (جو شخص)،کجا (جہاں )، چہ (جو چیز)، چوں (جب، جیسے)؛ وغیرہ۔
 یہاں فارسی کے دو لفظ خاص طور پر سمجھ لیجئے: ’’ہر‘‘ اور ’’کہ‘‘۔ اردو میں ’’ہر‘‘ کے وہی معانی ہیں جو انگریزی میں  every کے ہیں اور عربی میں ’’کل‘‘ کے۔ یہ لفظ جس اسم پر داخل ہو، اُس کی نوع کو مکمل احاطہ کرتا ہے۔ مثلاً: ہر شخص، ہر گھر، ہر جگہ، ہر کام، ہر وقت؛ وغیرہ۔ فارسی میں ’’ہر‘‘ اِن معانی میں بھی آتا ہے اور اسمِ استفہام کو قطعی طور پر اسمِ موصول میں بدلنے کے معانی میں بھی۔ مثلاً: کہ (کون، جو شخص)، ہرکہ (جو شخص)، چہ (کیا، جو شے)، ہر چہ (جو شے)،ہر کجا (جہاں کہیں )، وغیرہ۔ ہرچہ بادا باد (جو ہو، سو ہو)۔ گلستانِ سعدی میں ایک بہت خوبصورت جملہ ہے: ’’ہر کہ آمد عمارتِ نو ساخت‘‘ (جو بھی آیا اُس نے نئی عمارت بنائی)۔ ایک شعر دیکھئے:
ہر کس کہ گوید حرفِ زشت
جایش نباشد در بہشت 
(جو کوئی بری بات کرے گا، اس کی جگہ بہشت میں نہیں ہوگی)
لفظ ’’کہ‘‘ اردو میں حرفِ عطف بھی ہے کہ یہ دو جملوں کو آپس میں ملاتا ہے۔ دوسرا جملہ عام طور پر پہلے جملے کی بات کو آگے بڑھاتا ہے یا اس کی وجہ یا تفصیل وغیرہ بیان کر رہا ہوتا ہے۔ فارسی میں یہ اِن معنوں میں بھی استعمال ہوتا ہے مگر کم کم۔ بسا اوقات کچھ نافیہ جملوں میں اس ’’کہ‘‘ کو حذف کرنا راجح ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر: 
(۱) ’’عطر آنست کہ خود ببود نہ عطار بگوید‘‘۔ ہم لفظ بہ لفظ ترجمہ کرتے ہوئے ایک بہت بڑی غلطی بھی کر سکتے ہیں : ’’عطر وہ ہے کہ خود مہکے نہ عطار کہے‘‘ ظاہر ہے یہ درست ترجمہ ہرگز نہیں ۔ اس جملے میں لفظ ’’کہ‘‘ اردو والے معانی میں آیا ہے؛ اور لفظ ’’نہ‘‘ کا درست مفہوم یہاں ’’نہ کہ‘‘ ہے: ’’عطر وہ ہے کہ خود مہکے نہ کہ عطار کہے‘‘۔ اب بات واضح ہو جاتی ہے کہ عطر کی اصل شناخت اس کی اپنی مہک ہے، عطار کہے یا نہ کہے بات یکساں ہو گی۔ 
(۲) ’’بزرگی بہ عقل است نہ بہ سال، تونگری بہ دل است نہ بہ مال‘‘۔ یہاں دونوں مقامات پر بالکل مثالِ بالا والی بات صادق آتی ہے۔ اس کا درست مفہوم یہ ہے: ’’بزرگی کا پیمانہ عقل ہے نہ کہ عمر، اور تونگری کا پیمانہ دل (دریا دلی) ہے نہ کہ مال و دولت‘‘۔
اسم استفہام اور اسم موصول ’’کہ‘‘ کی وضاحت اوپر ہو چکی۔ فارسی میں ’’کہ‘‘ اسمِ صفت بھی ہے؛ یعنی چھوٹا۔ اس کا متضاد ’’مِہ‘‘ ہے؛ یعنی بڑا۔ یہ چھوٹائی یا بڑائی تن و توش کے حوالے سے بھی ہو سکتی ہے اور قدر و قیمت کے حوالے سے بھی۔ ان کی تفاضیل بھی دیکھتے چلئے۔ (۱) کہ (چھوٹا): تفضیلِ نفسی، کہتر (مقابلۃً چھوٹا): تفضیلِ بعض، اور کہترین (سب سے چھوٹا): تفضیلِ کل۔ (۲) مہ (بڑا): تفضیلِ نفسی، مہتر (مقابلۃًبڑا): تفضیلِ بعض، اور مہترین (سب سے بڑا): تفضیلِ کل۔ انہی خطوط پر۔ (۳) بہ (اچھا): تفضیلِ نفسی، بہتر (مقابلۃً اچھا): تفضیلِ بعض، اور بہترین (سب سے اچھا): تفضیلِ کل۔ 
 کسی کیفیت، خوبی، خامی، وصف کے نام کو اسم کیفیت کہا جاتا ہے۔ نیکی، بدی، خوشی، غم، تکبر، غرور، مسکنت، جہالت، وغیرہ۔ اسمِ کیفیت کم و بیش وہی ہے جسے انگریزی میں abstract noun  کہتے ہیں ۔ واضح رہے کہ اسمِ کیفیت کسی وصف کا نام ہے جبکہ اسمِ صفت کسی اسم پر کوئی وصف لاگو ہونے سے مشروط ہے گویا اسم صفت ایسا اسم ہے جو کسی اسم کا کوئی وصف بیان کرے۔ اس کی صورت نیک، بد، خوش، مغموم، متکبر، مسکین، جاہل وغیرہ ہو گی۔ مِہ (بڑا)، کِہ (چھوٹا) اور بِہ (اچھا) کی مثالیں اوپر بیان ہو چکیں ۔ انگریزی میں adjective  کی تین ڈگریوں کی طرح فارسی میں اسمِ صفت کی تفضیل (فضلیت) کے تین درجے ہوتے ہیں : (۱) پہلا درجہ تفضیلِ نفسی کہلاتا ہے؛ اس میں کسی اسم کا صفت کے لحاظ سے کسی دوسرے سے کوئی تقابل نہیں ہوتا۔ مثلاً: یہ کتاب اچھی ہے، وہ گھر کشادہ ہے، اسلم ذہین آدمی ہے، منصور کی کار خوبصورت ہے؛ وغیرہ۔ اچھی (خوب، بہ)، کشادہ، ذہین، خوبصورت (حسین) میں کسی دوسری کتاب، گھر، شخص یا کار سے کوئی تقابل مذکور نہیں ہے۔ (۲) دوسرا درجہ اپنی نوع کی کسی دوسری ایک یا زیادہ اشیاء، شخصیات، مقامات وغیرہ سے تقابل کی صورت ہے۔ مثالیں وہی آگے بڑھاتے ہیں : میری کتاب اسلم کی کتاب سے اچھی ہے، نسیم کا گھر حمید کے گھر کی نسبت کشادہ ہے، جمیل اپنے دونوں دوستوں سے بڑھ کر ذہین ہے، حمید کی کار علی کی کار سے زیادہ خوبصورت ہے۔ اس صورت میں اسمِ صفت پر جزوِ لفظ ’’تر‘‘ کا اضافہ کرتے ہیں : خوب تر (بہتر)، کشادہ تر، ذہین تر، حسین تر؛ وغیرہ۔ (۳) تیسرا درجہ تفضیلِ کل کا ہے۔ اس میں تقابل اپنی نوع کی جملہ اشیاء، شخصیات، مقامات وغیرہ سے ہوتا ہے: علم ریاضی پر یہ بہترین کتاب ہے، نوید کا گھر ساری بستی میں سب سے کھلا ہے، جمیل سکول بھر میں سب سے ذہین ہے، کار کا یہ ماڈل حسین ترین ہے۔ اس صورت میں اسمِ صفت پر جزوِ لفظ ’’ترین‘‘ کا اضافہ کرتے ہیں : خوب ترین (بہترین)، کشادہ ترین، ذہین ترین، حسین ترین؛ وغیرہ۔



تیسرا سبق:ہائے ہوز کی دو صورتیں، نون فارسی، یائے مستور، اسمِ ظرف، اسمِ تصغیر، اسمِ مکبر، مرکب ناقص، تراکیب (اضافی، توصیفی، عطفی، عددی)، حرفِ وصل، حرفِ عطف، حرفِ شرط، حرفِ وجہ و جزا، حرفِ ندا، حرفِ نافیہ، حرف اثبات  


فارسی میں دو چشمی ھ والے حروف (بھ پھ تھ ٹھ ۔۔۔۔ وغیرہ) نہیں ہیں، لہٰذا ہائے ہوز کو گول (ہ) یا دو چشمی (ھ) جیسے چاہے لکھ لیجئے۔ اردو کی طرح یہاں یائے معروف اور یائے مجہول کی تخصیص کتابت میں لازم نہیں ۔ فارسی میں  یائے مجہول (ے) نہیں ہے اور جہاں کچھ لہجوں میں ہے بھی تو اس کو قریب قریب یائے معروف (ی) کی طرح ادا کرتے ہیں ۔ فارسی املاء و کتابت میں دونوں میں سے کوئی صورت بھی لکھی جا سکتی ہے۔
 فارسی کے اسماء و افعال جن کا آخری حرف الف یا واو ہو۔ جیسے ہوا، خوش بو، آہو، ادا، خدا: وغیرہ اِن کے آخر میں ی چھُپا ہوا ہوتا ہے جو اکثر لکھا نہیں جاتا یا لکھا بھی ہو تو بولا نہیں نہیں جاتا۔ جہاں کہیں ( توصیف، اضافت، جمع وغیرہ کی صورت میں ) ایسا ی متحرک ہو جاتا ہے تو اس کو کہیں ی اور کہیں ہمزہ کی صورت میں لکھتے بھی ہیں اور ادا بھی کرتے ہیں ۔ ہوائے غم، خوش بویات، آہوئے تاتار، خوش ادایان، ردائے سبز، خدایانِ بحر و بر۔ و علیٰ ہٰذا القیاس۔ اسے ہم نے یائے مستور کا نام دیا ہے (س ت ر : ستر: چھُپنا)۔ کچھ لوگ اس کو لکھتے تو ہیں مگر ساکن ہو تو صوتیت سے ساقط کر دیتے ہیں (خوشبوی، ہوای، ادای، خدای، آہوی) اور کچھ لوگ لکھتے بھی نہیں (خوشبو، ہوا، ادا، خدا، آہو)۔ جب یہ متحرک ہو تو حسبِ موقع کہیں ’’ی‘‘ کی صورت میں اور کہیں ’’ئے‘‘ کی صورت میں لکھتے ہیں :خدایانِ بحر و بر، خوبرویان:
چاہتے ہیں خوبرویوں کو اسد
آپ کی صورت تو دیکھا چاہئے
 آہوئے تاتار، ہوائے تیز (اصلاً آہویِ تاتار، اور ہوایِ تیز)۔ واوِ عطفی کی صورت میں یائے مستور لکھی ہو یا نہ لکھی ہو، صوتیت ہمزہ کی پیدا ہوتی ہے: ’’محاورہ مابین خدای و انسان‘‘۔ اس میں خدا کے بعد یائے مستورہے، اور ہم ’’خدا و انسان‘‘ بھی لکھ سکتے ہیں ۔ اس کی صوتیت ’’خدا ؤ انسان‘‘ معروف ہے۔  
 یائے کی ایک اور صفت جو فارسی، عربی اور اردو میں مشترک ہے، اُسے ہم اپنی سہولت کے لئے صفتِ نسبتی کا نام دیتے ہیں ۔ یائے نسبتی جس اسم سے ملحق ہو (آخر میں جمع ہو) اُس کے ساتھ کسی نسبت، حوالہ وغیرہ کا اظہار کرتی ہے۔ مثال کے طور پر خدا سے خدائی، ہوا سے ہوائی، لاہور سے لاہوری، روم سے روم، رَے سے رازی، طے سے طائی، حضرموت سے حضرمی، اخلاق سے اخلاقی، آفاق سے آفاقی، وقت سے وقتی،دفاع سے دفاعی؛ و علیٰ ہٰذا القیاس۔ واضح رہے کہ خستگی، پوشیدگی، برہمی، ترشی، تلخی وغیرہ صفتِ نسبتی میں نہیں آتے بلکہ یہ کیفیات کے نام ہیں اور ان کی بنیاد صفت یا اسمِ صفت پر ہوتی ہے۔  
 اسم ظرف: یہ دو ہوتے ہیں، ظرفِ زمان میں وقت کا معنیٰ پایا جائے جیسے: صبح (سویرا)، امروز (آج)، امشب (آج رات)، دیروز (کل: گزشتہ)، فردا (کل: آئندہ)، ماہ (مہینہ)، وغیرہ۔ ظرف مکان میں جگہ کا معنیٰ پایا جاتا ہے مثلاً: عیدگاہ، جاء نماز، دانش کدہ، مے کدہ، قحبہ خانہ، لاہور، تہران؛ وغیرہ۔ اسمِ ظرف اصولی طور پر اسمِ معرفہ کی ایک قسم ہے جیسے اسمِ عَلَم، اسمِ ضمیر وغیرہ۔ اردو اور عربی کی طرح فارسی میں بھی ظرفِ زمان اور ظرفِ مکان کے ساتھ آنے والے اکثر حرفِ جر باہم مماثل ہوتے ہیں : آج سے کل تک، گھر سے مسجد تک؛ دن میں، بستی میں ؛ فلاں پُل یا موڑ سے پہلے، فلاں وقت سے پہلے؛ دو دن کے اندر اندر، شہر کے اندر اندر؛ وغیرہ۔
اسمِ تصغیر: کسی اسم کے معنوں میں چھوٹائی، کمتری وغیرہ کا مفہوم داخل کرنے سے اسم تصغیر حاصل ہوتا ہے۔ اسمِ تصغیر بنانے کے لئے اسم کے بعد کوئی علامتِ تصغیر: ک، زہ، چہ وغیرہ لگا دیتے ہیں ۔ مثلاً: صندوق سے صندوقچہ، طفل سے طفلک، مشک سے مشکیزہ، وغیرہ۔ صحنک، عینک، چشمک، طفلک وغیرہ کو بیٹھک، لیکھک، ڈھولک، گندھک وغیرہ سے خلط ملط نہ کریں، اُن کی اصل ہی اور ہے۔ یاد رہے کہ کہاں کون سی علامتِ تصغیر لگے گی، یہ اہلِ زبان پر ہے، ہمیں ان کا تتبع کرنا ہے۔ 
اسمِ مکبّر: کسی اسم کے معنوں میں بڑائی کا مفہوم داخل کرنے سے حاصل ہوتا ہے۔ اسم مکبر بنانے کے لئے اسم سے پہلے علامت تکبیر :دیو، شہ، شاہ وغیرہ لگاتے ہیں ۔ مثلاً: زور سے شہ زور، کمان سے دیو کمان، تیر سے شہتیر؛ و غیرہ۔ یہاں بھی ہمیں اہلِ زبان کے ساتھ چلنا ہے۔
 ترکیب (مرکب ناقص): کلمات کا وہ مجموعہ جس کا معنیٰ تو بنتا ہو مگر وہ مکمل جملہ نہ ہو، مرکب ناقص کہلاتا ہے، اسے ترکیب بھی کہتے ہیں ۔ فارسی میں چار طرح کی تراکیب نسبتاً اہم ہیں : ترکیب اضافی،  ترکیب توصیفی، ترکیب عطفی اور ترکیب عددی۔ ترکیب اضافی پر گفتگو اسمِ ضمیر کے تحت ہو چکی ہے۔ اس میں ایک اسم کا دوسرے اسم سے تعلق رکھنا ظاہر ہوتا ہے۔ علی کی کتاب (کتابِ علی)، لاہور کی سڑک (شارعِ لاہور) وغیرہ۔ نوٹ کریں کہ اردو کے بر عکس فارسی میں مضاف پہلے اور مضاف الیہ بعد میں آتا ہے۔ علامتِ اضافت (زیر) مضاف پر وارد ہوتی ہے۔ اگر مضاف الیہ کوئی اسم ضمیر ہو تو اس کی دو صورتیں ہوتی ہیں : پہلی ضمیر منفصل کے ساتھ جیسے: یارانِ من (میرے دوست)، شہرِ ما (ہمارا شہر)، سوئے تو (تیری طرف)؛ اور دوسری ضمیر متصل کے ساتھ جیسے: پدرش (اس کا باپ)، دوستانم (میرے دوست)۔تفصیل اسمِ ضمیر کے تحت بیان ہو چکی۔ ترکیب توصیفی:  ’’صفت‘‘ اور اس کی تفاضیل کا مطالعہ ہم پہلے کر چکے۔ ’’موصوف‘‘ وہ اسم ہے جس کا کوئی وصف بیان کیا جائے۔ صفت اور موصوف کے ملنے سے ترکیب توصیفی بنتی ہے۔ مثلاً: اچھا کام (کارِ خیر)، نیک لوگ (مردانِ نکو)، بڑا شہر (شہرِ بزرگ) وغیرہ۔ یہاں بھی اردو کے برعکس فارسی میں صفت بعد میں اور موصوف پہلے آتا ہے۔ علامتِ توصیف (زیر) موصوف پر وارد ہوتی ہے۔
ترکیب عطفی: دو یا زائد اسماء کو باہم ملانے کا نام ہے۔ اس مقصد کے لئے حرف عطف (و: بمعنی اور) سے کام لیا جاتا ہے۔ مثلاً باد و باراں (ہوا اور بارش)، بال و پر (بال اور پر)، شمس و قمر (سورج اور چاند)؛ وغیرہ۔ حرفِ عطف (و: بمعنی اور، کہ، نہ) دو یا زیادہ اسمائ، افعال وغیرہ کو کسی ایک مفہوم، حالت، فعل وغیرہ کے حوالے سے جمع کرتے ہیں ۔ حرفِ وصل (لیکن، ولے، لہٰذا، تاہم، بہ ایں ہمہ، پس) بھی ایک حد تک حرفِ عطف کا کام کرتے ہیں ۔ یہ بالعموم دو جملوں کو آپس میں ملاتے ہیں اور ان کے مفاہیم کے درمیان اثباتی، نافیہ یا کسی دیگر تعلق کو ظاہر کرتے ہیں ۔ اور حرفِ شرط (گر، اگر، ار) بھی جو کسی ایک امر کو دوسرے سے مشروط کرتے ہیں ۔
ترکیب عددی: اس میں اردو کی طرح عدد پہلے اور معدود بعد میں آتا ہے۔ مثلاً: ہفت رنگ، چہل اشعار، دو آتشہ وغیرہ۔ تاہم جدید لفظیات اور محاورے میں تنوع ہے۔

اس سبق کا اختتام کرتے ہوئے حرف کی کچھ مزید اقسام کا مختصر تعارف حاصل کرتے چلیں : حرفِ ندا (اے، یا): یہ کسی کو مخاطب کرنے کے لئے استعمال ہوتے ہیں ۔ حرفِ وجہ و حاصل (کہ، چونکہ، تا، تا کہ، تا آنکہ، پس): یہ کسی کام، حالت، نتیجہ وغیرہ کی وجہ یا حاصل کی طرف اشارہ کرتے ہیں ۔ حرفِ نافیہ (نہ، نخیر، ولے): یہ نفی کا معنیٰ پیدا کرتے ہیں ۔ حرفِ اثبات (بلے، نَعَم): یہ اثبات کا معنیٰ پیدا کرتے ہیں ۔



چوتھا سبق: جار و مجرور، مرکب تام (جملہ)، جملہ اسمیہ کے اجزاء، کچھ آسان اسمیہ جملے


 حرفِ جار (ب، بہ، در، از، تا، بر، زیر، بالا، تحت، برائے، ورائے، برون، بیرون، درون، پس وغیرہ): یہ عام طور پر اسماء یا کیفیات کا ایک دوسرے سے تعلق ظاہر کرتے ہیں ۔ جس اسم پر کوئی حرفِ جار وارد ہو اُسے مجرور کہا جاتا ہے۔ لسانی قواعد اور اور معانی کے نظام عربی فارسی اردو تینوں زبانوں کے اپنے اپنے ہیں ۔ لہٰذا حرفِ جر کا ایک سے دوسری زبان میں ترجمہ کسی خاص لفظ تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ مثال کے طور پر عربی اور فارسی میں اردو کے لفظ ’’نے‘‘ (المعروف علامتِ فاعل) کا کوئی لفظی ترجمہ موجود نہیں، اس کو ہم اپنی زبان کے محاورے کے مطابق لاتے ہیں ۔ مندرجہ بالا فہرست کے سادہ معانی پر ایک نظر ڈالنا مفید ہو گا۔ ب، بہ(ساتھ،پر، سے، کو)؛ در (اندر، میں، کے معاملے میں )؛ بر (پر، اوپر، کے متعلق)؛ زیر (نیچے)؛ بالا (اوپر: چھت یا بلندی کا تصور)؛ برائے (کے لئے، مقصد سے)؛ ورا، ورائے (بلند، اونچا، پہنچ سے باہر، سے قطع نظر)؛ برون، بیرون (باہر، ماسوا)، درون، اندرون (اندر، اندر اندر)؛ پس (پیچھے، بعد میں )؛ دوران (عرصہ یا وقت کے اندر)؛ جیسے جیسے ہم آگے بڑھتے جائیں گے، نئے الفاظ اور ان کے نئے نئے معانی سے شناسا ہوتے چلے جائیں گے۔ اس فہرست میں ہم نے ہر حرفِ جر کے بعد قوسین میں ان کے ایک سے زیادہ معانی درج کئے ہیں ۔  اپنے اپنے سیاق و سباق میں محاورے کے مطابق ان میں سے کوئی ایک معنی درست ہو گا، سب کا بیک وقت درست ہونا مشروط نہیں ۔ مثالیں اسمیہ اور فعلیہ جملوں میں آتی رہیں گی۔
جملہ (مرکب تام): الفاظ کا ایسا مجموعہ جس میں کم از کم ایک پوری بات یا ایک مکمل مفہوم پایا جائے اسے جملہ یا مرکب تام کہا جاتا ہے۔ جملہ کے متعدد اجزائے ترکیبی ہیں جن میں اسم، فعل اور حرف کی اہمیت بنیادی ہے۔ اسم اور حرف کے علاوہ ناقص مرکبات کا بیان  پہلے ہو چکا (حرف کے تصور کو حرفِ تہجی سے خلط ملط نہ کیا جائے)۔ معنی کے اعتبار سے جملہ دو طرح کا ہوتا ہے جملہ اسمیہ اور جملہ فعلیہ۔ جملہ فعلیہ کا بیان بعد میں آئے گا۔ تاہم مختصراً جان لیجئے کہ اس کی بنیاد فعل پر ہوتی ہے (فلان یہ کرتا ہے، کرے گا، نہیں کرتا، نہیں کرے گا، فلاں کو یہ کرنا چاہئے، اس نے کیا ہو گا، اے فلان! یہ کرو، وہ نہ کرو، فلان سے یہ کیا جائے گا، وہ نہیں کیا جائے گا، وغیرہ)۔
جملہ اسمیہ وہ ہے جس کی بنیاد اسم پر ہو اور اس میں ایک یا زائد اسماء کے بارے میں کوئی خبر دی گئی ہو ۔مثلاً: ایں کتاب از من است (یہ کتاب میری ہے)، آن صندلی خوب نیست (وہ کرسی اچھی نہیں ہے)، پدرِ نوشیرواں صاحبِ فراش بود (نوشیروان کا باپ بیمار تھا) وغیرہ۔ اس میں جس اسم کے بارے میں کوئی خبر دی گئی ہو اسے مبتدا اور باقی جملے کو خبر کہا جاتا ہے۔ خبر کا سادہ سا مفہوم یہ ہے کہ کسی اسم کے کے بارے میں کچھ بتایا جائے، اور یہ فعل ناقص ’’ہونا‘‘ پر مبنی ہوتا ہے (ہے، نہیں ہے؛ تھا، نہیں تھا؛ ہو گیا، نہیں ہوا؛ ہو گا، نہیں ہوگا؛ وغیرہ)۔ کچھ بہت معروف اور مانوس افعال ناقصہ کی مختصر فہرست، گردان کے اجزاء اور ان کی ترتیب درج کی جا رہی ہے۔
 مصدر ’’ ہَستَن‘‘ (ہونا) سے: ہست، ہستند، ہستی، ہستید، ہستم، ہستیم (وہ ہے، وہ ہیں، تو ہے، تم ہو، میں ہوں، ہم ہیں )۔ ہست کی جگہ ’’است‘‘ بھی لاتے ہیں ۔ اس پر بحث اپنے مقام پر آئے گی۔
مصدر ’’بُودن‘‘ (ہونا) سے: بود، بودند،بودی، بودید، بودم، بودیم (وہ تھا، وہ تھے، تو تھا، تم تھے، میں تھا، ہم تھے) ۔
مصدر ’’شُدَن‘‘ (ہونا) سے: شد، شدند، شدی، شدید، شدم، شدیم (وہ ہو گیا، وہ ہو گئے، تو ہو گیا، تم ہو گئے، میں ہو گیا، ہم ہو گئے)۔ مصدر ’’شدن‘‘ ہی سے مضارع: شَوَد، شَوَند، شَوی، شَوید، شَوَم، شَوِیم (وہ ہو، وہ ہوں، تو ہو، تم ہو، میں ہوؤں، ہم ہوں )۔
مصدر ’’بائستن‘‘ (مضارع: باید)، اور مصدر ’’باشیدن‘‘ (مضارع: باشد)؛ کا تعلق اسمیہ جملوں کی نسبت فعلیہ جملوں سے زیادہ ہے۔ افعالِ ناقصہ کی مزید تفصیل مصدر اور افعال کے تحت آئے گی۔
مزید تفہیم کے لئے کچھ سادہ اسمیہ جملے بنانے کی کوشش کرتے ہیں ۔ اسمیہ جملے کی نحوی ترتیب کچھ اِس طرح کی ہوتی ہے: پہلے وہ اسم واقع ہوتا ہے (اسم کی کوئی سی صورت یا ترکیب) جس کے بارے میں کچھ بتانا مقصود ہو؛ اس کو مبتدا کہتے ہیں ۔ اس کے بعد خبر ہوتی ہے یعنی کیا بتانا ہے۔ اس میں پوچھنا بھی شامل ہے اور نفی یا اثبات بھی۔
۔۱۔ یہ کرسی ہے (سادہ بیانیہ جملہ)۔ این صندلی است۔ اس میں ’’یہ کرسی‘‘ مبتدا ہے، اور ’’ہے‘‘ خبر ہے۔
 یہ (اسمِ اشارہ واحد قریب: این)، کرسی (اسمِ نکرہ واحد: صندلی)، ہے (فعل ناقص واحد غائب: است)۔
۔۲۔ یہ کرسی کِس کی ہے؟ (سوالیہ جملہ) این صندلی از کیست؟۔ یہ کرسی (این صندلی)۔ کس (اصلاً: کون، اسم استفہام: کہ)۔ کی کے لئے یہاں ’’از‘‘ لاتے ہیں ۔ ہے (است)۔ ’’کس کی ہے‘‘ (لفظی ترتیب: از کہ است)۔ فارسی میں ’’کہ است‘‘ کو ملا کر ’’کیست‘‘ بنا لیا جاتا ہے۔
۔۳۔ یہ کرسی میری ہے (سادہ جملہ جس میں توجہ ’’از کیست‘‘ کے جواب پر ہے)۔ باقی جملہ وہی رہے گا، ’’از کیست‘‘ کی جگہ ’’از من است‘‘ آ جائے گا۔ این صندلی از من است۔ یہاں اگر سوال کے جواب کا عنصر شامل نہ ہوتا یا کرسی کے ’’میری‘‘ ہونے پر زور دینا مقصود نہ ہوتا تو سادہ جملہ ’’یہ میری کرسی ہے‘‘ ہوتا۔ اس میں ’’میری کرسی‘‘ سیدھی سی ترکیبِ اضافی ہے (صندلیئِ من): این صندلیئِ من است۔
۔۴۔ میرے پاس ایک دل چسپ کتاب ہے۔ یہ جملہ اردو کے حوالے سے اسمیہ مگر فارسی کے حوالے سے فعلیہ ہے۔ مفہوم: میں ایک دل چسپ کتاب رکھتا ہوں ۔ اس کو ہم جملہ فعلیہ میں دیکھیں گے۔
۔۵۔ آپ کی کتاب دل چسپ ہے۔ کتابِ شما دل پذیر است۔اس کا مبتدا ’’آپ کی کتاب‘‘ مرکب اضافی ہے۔
 لفظ ’’آپ‘‘ کو واحد حاضر تصور کرتے ہوئے اس کا ترجمہ ’’تو‘‘ اور جمع حاضر تصور کرتے ہوئے، یا واحد میں احترام کا عنصر شامل کرتے ہوئے ’’شما‘‘۔ اس ترکیب کے چار ترجمے ممکن ہیں : کتابت، کتابِ تو، کتابتان، کتابِ شما۔ ہم یہاں ’’کتابِ شما‘‘ کو ترجیح دیتے ہیں ۔ ’’دل چسپ‘‘ یہ لفظ بھی فارسی کا ہے تاہم وہ لوگ اس پر ’’دل پذیر‘‘ کو ترجیح دیتے ہیں یا اس کا بامحاورہ ترجمہ کرتے ہیں ۔
 شذرہ:  فارسی میں ایسے مرکب حروف کی مثالیں بہت عام ہیں جو مختلف حروف کو ملا کر بنا لئے جاتے ہیں۔ بسا اوقات یہ حروف اپنے متعلقہ اسماء و افعال کے ساتھ ملا دئے جاتے ہیں اور زبان میں حسن و اختصار پیدا کرتے ہیں ۔ ذیل میں ایسے چند کثیر الاستعمال مرکبات کی وضاحت کی جا رہی ہے۔ اسی قیاس پر مزید مرکبات بنائے جاتے ہیں ۔ کزو (تلفظ: کَ  زُو): کہ (کہ)+ از (سے) + اُو (وہ) : کہ اُس سے، کہ اس کی طرف سے۔ کاں : کہ + آں (وہ) : کہ وہ۔ کیں : کہ + ایں (یہ): کہ یہ۔ ورنہ:  و (اور) + ار(اگر)  + نہ (نہیں )  : اور اگر نہیں، اگر ایسا نہ ہوا تو۔ وغیرہ، وغیرہ۔


 پانچواں سبق: جملہ فعلیہ، مصدر، مضارع، زمانے، فعل حال، فاعل، مفعول،  فعل معروف، فعل مجہول 


 جملہ فعلیہ وہ ہے جس کی بنیاد فعل پر ہو اور اس کا مفہوم زمانے (ماضی، حال، مستقبل، امر، نہی) کے حوالے سے ہو۔ مثلاً: حمید نامہ می نویسد (حمید خط لکھتا ہے یا لکھ رہا ہے)۔ استاذِ من مرا پند می کرد (میرا استاذ مجھے نصیحت کرتا تھا یا کیا کرتا تھا)، تو برائے من چہ آوردہ ای (تو میرے لئے کیا لایا ہے؟)۔ واضح رہے کہ اس جملے میں فاعل ’تو‘ نہ لگا یا جائے تو بھی مفہوم واضح ہے، لہٰذا جہاں فاعل (ضمیر کی صورت میں ) لگائے بغیر بات واضح ہو جائے وہاں فاعل نہ لگانا بہتر ہے۔
 اسمِ مصدر وہ اسم ہے جس سے تمام افعال نکلتے ہیں ۔ فارسی مصدر کی بڑی شناخت یہ ہے کہ اس کے آخری حروف ہمیشہ تَن یا دَن ہوتے ہیں اردو میں اس کا معنیٰ فعل تام کی صورت میں ہوتا ہے۔ مثلاً: گفتن (کہنا)، شنیدن (سننا)، رفتن (جانا)، شناختن (پہچاننا)، نوشیدن (پینا)، دمیدن (پھونکنا) وغیرہ۔ یہاں ہمیں روایتی تعریفات سے تھوڑا سا ہٹ کر دیکھنا ہو گا۔ مصدر اصلاً اسم ہے، اس میں ’’کام‘‘ کے معانی پائے جاتے ہیں، اس بنا پر اس کو ’’فعل تام‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ تاہم یہ ’’ فعل‘‘ سے مختلف ہوتا ہے۔ مصدر میں زمانے کا تصور نہیں ہوتا، بہ الفاظِ دیگر:  مصدر وہ اسم ہے جس میں ’’کام‘‘ کے معانی زمانے کی قید سے آزاد پائے جاتے ہیں ۔مصدر سے فعل حاصل کیا جاتا ہے، اور فعل میں کم از کم تین عناصر متوازی طور کارفرما ہوتے ہیں :
(۱) ایک تو وہ کام ہے جو مذکور یا مقصود ہے۔
(۲) دوسرا وہ زمانہ یا وقت جس میں وہ کام مذکور ہوتا ہے (یہ کام ہو چکا، یا ہو رہا ہے، یا ہو گا، یا ہونا چاہئے) ۔
(۳) تیسرا عنصر ہے کام کرنے والا، یا جس پر کام واقع ہو، یا دونوں ۔
ابھی ہم نے پڑھا کہ فارسی میں مصدر کے آخری دو حرف ’’تَن‘‘ یا ’’دَن‘‘ ہوتے ہیں اور اردو میں ’’نا‘‘: خواندن (پڑھنا)، نوشتن (لکھنا)، گفتن (کہنا)، شنیدن (سننا)، آمدن (آنا)، رفتن (جانا)، نشستن (بیٹھنا)، برخاستن (اٹھنا)، فہمیدن (سمجھنا)، رسیدن (پہنچنا)، رسانیدن (پہنچانا)، آسودن (آرام کرنا)، خُفتن (سونا)، شدن (ہونا)، زیستن (جینا)، مُردن (مرنا)۔ اس [تَن، دَن، نا] کو ہم ’’علامتِ مصدر‘‘ کہہ لیتے ہیں کہ یہ لفظ آئندہ بہت زیادہ استعمال ہو گا۔ 
مصدر سے فعل مستقبل اور فعل مضارع حاصل کرنے کے لئے ایک کلمہ اخذ کیا جاتا ہے جسے مضارع کہتے ہیں ۔ اس کی اہمیت صرف افعال اخذ کرنے تک نہیں بلکہ یہ خاصا وسیع الفوائد کلمہ ہے۔ مضارع مقررہ کلمات ہیں اور ان میں اہل زبان کا تتبع کیا جاتا ہے، تاہم اس کی ایک پکی شناخت یہ ہے کہ اس کا آخری حرف ہمیشہ د ہوتا ہے اور ماقبل پر زبر آتا ہے۔ مثلاً: مصدر کردن (کرنا) سے مضارع کُنَد ہے، گفتن (کہنا) سے گویَد، آمدن (آنا) سے آیَد، رفتن (جانا) سے رَوَد، شناختن (پہچاننا) سے شناسد،و علیٰ ھٰذاالقیاس (گویَد، آیَد کو گوئد، آئد بھی لکھا جاتا ہے اور بالعموم درست سمجھا جاتا ہے)۔
اسم فاعل (وہ اسم جس میں ’’فاعل یا کام کرنے والا‘‘ کے معانی پائے جائیں ) بنانے کے لئے علامتِ مضارع د کو ہٹا دیتے ہیں یا اس کی جگہ ندہ ماقبل پر زیر لگا دیتے ہیں ۔ مثلاً:۔
کردن سے مضارع: کُنَد، اسمِ فاعل: کُن یا کنندہ (کرنے والا): کارکن، تباہ کن، شمار کنندہ، تخصیص کنندہ۔
گفتن سے مضارع گویَد، اسم فاعل: گوی (یائے مستور)، گویِندہ یا گوئندہ (کہنے والا): حق گو، راست گو، دروغ گو، زود گو، پُر گو۔
 رفتن سے مضارع: رَوَد: اسم فاعل: رَو (جانے والا، چلنے والا) : تیز رَو، سست رَو،  پیش رَو، راہ رَو۔
تنبیہ: اس کو ’’رُو‘‘ سے خلط ملط نہ کریں ۔ رُستن (پھوٹنا یا اُگنا) سے مضارع ’’رُوید‘‘ ہے اور اسم فاعل کی مثال خود رُو (اپنے آپ اگنے والا: وہ پودا جسے رسمی طور پر بویا نہ گیا ہو)۔ ’’رُو‘‘ (اسم نکرہ) کا معنی ’’چہرہ‘‘ ہے۔ اس کی اصل املاء ’’رُوی‘‘ (یائے مستور کے ساتھ) ہے۔ 
شناختن سے مضارع: شناسد، اسمِ فاعل: شناس (پہچاننے والا): خدا شناس، مردم شناس، خود شناس وغیرہ۔
 اسمِ مفعول (وہ اسم جس میں مفعول کے معانی پائے جائیں ) بنانے کے لئے مصدر کی علامت ن ہٹا کر اس کی جگہ ہ لگاتے ہیں ۔ مثلاً: شنیدن سے شنیدہ (سنا ہوا)، خوردن سے خوردہ (کھایا ہوا)، شناختن سے شناختہ (پہچانا ہوا)، پسندیدن سے پسندیدہ (پسند کیا ہوا)؛ وغیرہ۔
جس طرح اردو میں فعل ناقص اور انگریزی میں ’’امدادی فعل‘‘ ہوتا ہے، اسی طرح فارسی میں بھی فعل ناقص ہوتا ہے جو دوسرے افعال کے ساتھ مل کر اس کے معانی اور زمانے میں تبدیلی پیدا کرتا ہے بعض فعل ناقص جب اکیلے استعمال ہوں تو اپنی جگہ مکمل یا مختلف معانی دیتے ہیں، ان کا تفصیلی مطالعہ فی الحال مؤخر کر کے یہاں کچھ فعل ناقص (اردو میں قریب ترین ممکنہ معانی کے ساتھ) درج کئے جاتے ہیں (واضح رہے کہ فعل ناقص کا معنیٰ موقع محل کے مطابق تغیر پذیر ہوتا ہے): است، ہست (ہے)، بود (تھا)، بَوَد (ہووے)، شد (ہوا)، شَوَد (ہووے)، باشد (ہووے)، باید (چاہئے)۔
فعلیہ جملے میں فعل اپنے فاعل کے لحاظ سے مذکور ہو تو اُسے فعل معروف کہتے ہیں : اسلم یونیورسٹی میں پڑھتا ہے، بچہ صبح سے سو رہا ہے، وہ ضدی شخص مان ہی نہیں رہا، حمید بازار گیا، اسلم نے گاڑی فروخت کر دی، آپ کب آئیں گے؟، کرچی جانے والی گاڑی نکل چکی ہے، بچے سکول سے واپس آ چکے تھے؛ وغیرہ۔ جہاں فعل اپنے مفعول کے لحاظ سے ہو تو اُسے مجہول کہتے ہیں : مچھر کو مارا جا رہا ہے، گھر میں سفیدی کی جا رہی ہے، گالی کو پسند نہیں کیا جاتا، گاڑی دھو دی گئی، فلاں کام کیوں روکا گیا ہے، قاتل کو کل پھانسی دے دی جائے گی، سامان فروخت کیا جا چکا، پل توڑ دیا گیا تھا، پھول توڑے جاتے ہیں ؛ وغیرہ۔ فعلیہ جملے کے تین بنیادی عناصر ہیں : فاعل، فعل اور مفعول۔ مفعول صرف فعل متعدی کے لئے ضروری ہوتا ہے اور فعل مجہول کی صورت میں فاعل کا صریحاً مذکور ہونا لازمی نہیں ۔ اس کو ہم مثال کی مدد سے سمجھتے ہیں : 
خواندن (پڑھنا) ایک مصدر ہے ؛ اس سے ہم پڑھنے کا کام یا عمل اخذ کرتے ہیں ۔ اور ساتھ ہی یہ بھی دیکھتے ہیں کہ پڑھنے کا کام (۲) ہو چکا یا ہوگا یا ہو رہا ہے یا ہونا چاہئے، یا اس سے روکا جانا مقصود ہے۔ اور یہ بھی کہ پڑھنے والا کون ہے اور اگر پڑھی جانے والی چیز مذکور ہے تو وہ کیا ہے۔ پڑھنا تو ہو گیا کام، اور یہ اس وقت ہو رہا ہے، میں پڑھ رہا ہوں (متکلم) اور پڑھا جا رہا ہے سبق۔ فعل کے بنیادی عناصر پورے ہو گئے (میں سبق پڑھ رہا ہوں )۔ اگر اس میں ’’مَیں ‘‘ مذکورہ نہ ہو تو (سبق پڑھا جا رہا ہے)۔ اگر سبق مذکور نہ ہو تو (میں پڑھ رہا ہوں )۔ اس جملے میں ’’مَیں ‘‘ فاعل ہے، ’’سبق‘‘ مفعول ہے، اور ’’پڑھ رہا ہوں ‘‘ یا ’’پڑھا جا رہا ہے‘‘ فعل ہے جس میں زمانہ از خود شامل ہے۔ زمانے کی تبدیلی فعل پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر: پڑھ رہا تھا، پڑھتا تھا، پڑھوں گا، پڑھ چکا ہوں، پڑھتا ہوں، پڑھ چکا ہوں گا؛ وغیرہ۔
زمانے کے حوالے سے فعل بنیادی طور پر تین ہیں ۔ روایتاً ان کا زمانی ترتیب میں مطالعہ کیا جاتا ہے یعنی پہلے ماضی، پھر حال اور پھر مستقبل۔ تاہم ہماری ترجیح اِس طرح ہے:۔ 
 ۔(۱) ایک وہ جو موجود ہے یعنی اس وقت، فی الوقت، معمول یا موجودہ کیفیت جو گزشتہ کچھ عرصے سے قائم ہو اور آئندہ کچھ عرصے تک چلنے کا ظاہری امکان ہو (وہ دفتر میں کام کرتا ہے، حمید بچوں پر بہت سختی کرتا ہے، اسلم سو رہا ہے؛ وغیرہ)، اس کو حال کہتے ہیں ۔
۔(۲) دوسرا وہ جو حال کے بعد آئے گا،یا کسی بھی وقت واقع ہو سکتا ہے (میں کھانا کھاؤں گا، وہ دفتر جایا کرے گا، اللہ حساب لے گا؛ وغیرہ)۔ اسے مستقبل کہتے ہیں ۔
 لفظ مستقبِل اور مستقبَل:’’ ب‘‘ پر زبر یا زیر دونوں درست ہیں ( مصباح اللغات)۔ 
۔(۳) تیسرا وہ جو گزرے وقتوں میں واقع ہوا، یا شروع ہوا اور تکمیل پذیر ہو گیا یا حال میں اختتام کو پہنچا (نوشیروان بہت عدل کیا کرتا تھا، ظفر نے دس سال حکومت کی، میں نے اپنا سبق یاد کر لیا ہے؛ جاوید لاہور جا چکا ہو گا؛ وغیرہ)۔ اسے ماضی کہتے ہیں ۔ 
گردان کا تصور: جس طرح عربی میں صَرف کا تصور ہے اسی طرح اردو اور فارسی میں گردان کا تصور ہے جو جملہ فعلیہ کو سمجھنے میں مددگار ہوتا ہے۔ اس کا بنیادی وصف فعل معروف کی صورت کا فاعل کے لحاظ سے (فعل مجہول کا مفعول کے لحاظ سے) منصرف ہونا ہے۔فعل مجہول کے مفعول کو عربی صرف کے مطابق نائب فاعل کہتے ہیں ۔ فاعل (یا نائب فاعل) کے اعتبار سے گردان کے چھ صیغے ہوتے ہیں، ان کی مستقل ترتیب یہ ہے: واحد غائب (وہ: او)، جمع غائب (وہ: ایشاں )، واحد حاضر (تُو: تو)، جمع حاضر (تم، آپ: شما)، واحد متکلم (میں : من) اور جمع متکلم (ہم: ما)۔ یہاں دو باتیں خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں : فارسی میں فعل اور فاعل کے حوالے سے مذکر مؤنث کا تصور نہیں ہے، اردو میں ترجمہ کرتے وقت ہم معنوی لحاظ سے مذکر یا مؤنث اخذ کرتے ہیں ۔ اوپر قوسین میں لکھے گئے اسمائے ضمیر منفصل صرف تفہیم کے لئے ہیں، گردان میں یہ نہیں لکھے جاتے بلکہ وہاں ضمیر فاعل (یا نائب فاعل) کے اعتبار سے ہوتے ہیں اور گردان کے صیغوں کے اندر ہی پنہاں ہوتے ہیں ۔ صیغوں کی ترتیب یہی ہوتی ہے یعنی: واحد غائب (وہ واحد کے لئے)، جمع غائب (وہ جمع کے لئے)، واحد حاضر (تُویا آپ واحد کے لئے)، جمع حاضر (تم یا آپ جمع کے لئے)، واحد متکلم (میں کے لئے) اور جمع متکلم (ہم کے لئے)۔

شذرہ: اردو میں فعل حال کے جملوں میں فعل کی مختلف صورتیں ہیں : وہ سو رہا ہے، سو گیا ہے، سو چکا ہے، سویا کرتا ہے، سوتا رہتا ہے؛ وغیرہ۔ مگر فارسی میں ایک ہی صورت مروج ہے، اسی سے ان مختلف صورتوں کے معانی کبھی سیاق و سباق سے اور کبھی اضافی الفاظ کی مدد سے اخذ کئے جاتے ہیں ۔ 


 چھٹا سبق: افعالِ ناقصہ، فعل مضارع، فعل حال، فعل امر، فعل نہی، فعل لازم، فعل متعدی،  اسمِ حال، فعل ماضی کی چھ صورتیں، فعل امر، فعل نہی، افعالِ نافیہ، فعل معروف، فعل مجہول 


 فعل ناقص کا جزوی تعارف پہلے ہو چکا۔ اس سبق میں ہم کسی قدر تفصیل سے کچھ کثیر الاستعمال افعالِ ناقصہ کا مطالعہ کریں گے۔ است، ہست (ہے)، بود (تھا)، بَوَد (ہووے)، شد (ہوا)، شَوَد (ہووے)، باشد (ہووے)، باید (چاہئے)؛ کی گردانیں درج کی جا رہی ہیں ۔  
است در اصل مصدر ہستن سے ماخوذ ہے ۔ اس میں ماضی کا تصور نہیں ہوتا: ہست (وہ ہے)، ہستند (وہ ہیں )، ہستی (تو ہے)، ہستید (تم ہو)، ہستم (میں ہوں )، ہستیم (ہم ہیں )۔ است کی گردان بھی اسی نہج پر ہوتی ہے مگر یہ اکیلا نہیں آتا بلکہ کسی فعل کا حصہ بن کر آتا ہے۔ اتصال و اختصار کا عمل ہو کر صیغے یوں بنتے ہیں : است، اند، ای، اید، ام، ایم ( مزید دیکھئے: ماضی قریب)۔
بودن (ہونا، ہو جانا، واقع ہونا) سے ماضی مطلق کی گردان: بو ُد، بودند، بودی، بودید، بودم، بودیم (مزید دیکھئے: ماضی بعید)۔ اس کا مضارع  بَو َد (تلفظ: بَ وَدْ) ہے یعنی ہووے، ہو جائے۔ 
شدن (ہونا، ہو جانا) سے ماضی مطلق کی گردان: شد، شدند، شدی، شدید، شدم، شدیم۔ اس کا مضارع شَوَد (تلفظ: شَ وَدْ) ہے یعنی ہووے، ہو جائے اور گردان: شَوَد، شَوَنْد، شَوِی، شَوِید، شَوَمْ، شَوِیم۔
باشیدن (ہونا، رہنا) سے ماضی مطلق کی گردان: باشید، باشیدند، باشیدی، باشیدید، باشیدم، باشیدیم۔ اس کا مضارع باشد ہے یعنی ہووے، ہو جائے اور گردان: باشد، باشند، باشی، باشید، باشم، باشیم۔
بائستن (چاہئے ہونا) سے ماضی مطلق کی گردان: بائست، بائستند، بائستی، بائستید، بائستم، بائستیم۔ اس کا مضارع باید (تلفظ: با یَد) ہے یعنی چاہئے۔ عام طور پر اس کی گردان نہیں کی جاتی۔
خواستن (چاہنا) سے ماضی مطلق کی گردان: خواست، خواستند، خواستی، خواستید، خواستم، خواستیم۔ اس کا مضارع خواہد (تلفظ: خا  ہَد) واوِمعدولہ کے ساتھ ہے یعنی ہو گا اور گردان: خواہد، خواہند، خواہی، خواہید، خواہم، خواہیم (تلفظ: خاہد، خاہَند،  ۔۔۔الخ)۔
آپ نے دیکھا کہ ان تمام مصادر کے معانی میں ’ہونا، ہو جانا‘ واضح ہے۔ یاد رہے کہ ان کا استعمال متعلقہ قواعد کے مطابق اپنے اپنے مقام پر ہوتا ہے، لہٰذا ضروری ہے کہ انہیں خلط ملط نہ کیا جائے۔
مضارع کا تعارف پہلے ہو چکا۔ فعل مضارع، فعل حال، فعل امر اور فعل نہی کی گردان ’مضارع‘ پر استوار ہوتی ہے۔ چند مثالیں دیکھئے:
مصدر آوردن (لانا) کا مضارع آرد ہے۔ اس کی گردان فعل مضارع میں یوں ہو گی:
پہلا صیغہ (واحد غائب): آرد (وہ لائے) تلفظ: آ رَدْ بظاہر مضارع ہی پہلا صیغہ بنا (کوئی تبدیلی نہیں ہوئی)۔ در حقیقت علامتِ مضارع ’د‘ غائب ہو گئی اور اس کی جگہ پہلے صیغے کی ’د‘ نے لے لی۔ دوسرا صیغہ (جمع غائب): آرند (وہ لائیں ) تلفظ: آ رَنْ د۔ علامتِ مضارع ’د‘ غائب ہو گئی اور اس کی جگہ ’ند‘ نے لے لی۔ تیسرا صیغہ (واحد حاضر): آری (تو لائے) علامتِ مضارع ’د‘ غائب ہو گئی اور اس کی جگہ ’ی‘ نے لے لی۔ چوتھا صیغہ (جمع حاضر): آرِید (تم لاؤ) علامتِ مضارع بدستور غائب رہی، اور اس کی جگہ ’ید‘ نے لے لی۔ پانچواں صیغہ (واحد متکلم): آرَم (میں لاؤں ) علامتِ مضارع بدستور غائب اور اس کی جگہ ’م‘ نے لے لی۔ چھٹا صیغہ (جمع متکلم): آ ریم (ہم لائیں ) علامتِ مضارع ’د‘ کی جگہ ’یم‘ نے لے لی۔
خلاصہ یہ ہے کہ: فعل مضارع کی گردان کرنے کے لئے سب سے پہلے علامتِ مضارع (د) ہٹا دی جاتی ہے اور اس کی جگہ پہلے سے چھٹے صیغے تک (بالترتیب) د، ند، ی، ید، م، یم؛ لگا دیا جاتا ہے۔
 مصدر کشیدن (کھینچنا) سے مضارع کَشَد ہے اور فعل مضارع کی گردان: کَشَد(وہ کھینچے)، کَشَند (وہ کھینچیں )، کَشی (تو کھینچے)، کَشید (تم کھینچو)، کَشَم (میں کھینچوں )، کشیم (ہم کھینچیں )۔
 مصدر نشستن (بیٹھنا) سے مضارع نشِینَد ہے اور فعل مضارع کی گردان: نشینَد (وہ بیٹھے)، نشینند (وہ بیٹھیں )، نشینی (تو بیٹھے)، نشینید (تم بیٹھو)، نشینم (میں بیٹھوں )، نشینیم (ہم بیٹھیں )۔ تلفظ: نشی نَد، نشی نَند، نشی نی، ۔۔الخ۔
فعل حال:  فعل مضارع کے متعلقہ صیغے سے پہلے ’مے‘ (اس کی املاء ’مے‘ اور ’می‘ دونوں طرح رائج ہے) داخل کرنے سے فعل حال حاصل ہوتا ہے۔ مثلاً: مے کشد (وہ کھینچتا ہے)، مے نشینید (تم بیٹھتے ہو)، مے بینم (میں دیکھتا ہوں ۔ دیدن: دیکھنا، مضارع: بینَد)، مے کُنیم (ہم کرتے ہیں ۔ کردن: کرنا، مضارع: کُنَد)، مے آیم (میں آتا ہوں )، مے ترسَند (وہ ڈرتے ہیں )، مے خورید (تم کھاتے ہو)۔ یاد رہے کہ : میں آتا ہوں، میں آ رہا ہوں، میں آیا کرتا ہوں سب کا فارسی ترجمہ ’مے آیم‘ ہے۔ بعض اوقات مے کی جگہ ہمے لگایا جاتا ہے جس سے فعل میں تواتر کا معنی شامل ہو جاتا ہے۔ مثلاً: ہمے ترسند (وہ ڈر رہے ہیں یا وہ ڈرا کرتے ہیں )، ہمے رَوَم (میں جا رہا ہوں، میں جایا کرتا ہوں )، و علیٰ ہٰذاالقیاس۔
فعل امر اور فعل نہی: فعل امر کے صرف دو صیغے ہوتے ہیں : واحد حاضر اور جمع حاضر ۔ علامتِ مضارع ’د‘ ہٹا دینے سے فعل امر صیغہ واحد حاضر، اور پھر اس پر ’ید‘ داخل کرنے سے فعل امر صیغہ جمع حاضر حاصل ہوتا ہے۔ کَش (کھینچ)، کشید( کھینچو)؛ کُن (کر)، کنید (کرو)؛ نشین (بیٹھ جا)، نشینید (بیٹھ جاؤ)؛ نوِیس (لکھ)، نویسید (لکھو)؛ خوان (پڑھ)، خوانید (پڑھو)۔ یہاں آپ نے نوٹ کیا کہ فعل امر کا صیغہ واحد حاضر بالکل اسم فاعل کی طرح ہے یعنی کش (کھینچنے والا): محنت کش، دُود کش۔ کن (کرنے والا): کار کن، تباہ کن۔ نشین (بیٹھنے والا): گوشہ نشین، مسند نشین۔ نویس (لکھنے والا): خوش نویس، وثیقہ نویس۔ خوان (پڑھنے والا): نوحہ خوان، نغمہ خوان، وغیرہ ۔ یعنی فعل مضارع اور فعل امر کے صیغہ واحد حاضر کی املاء میں بھی کوئی فرق نہیں ۔ ایسے میں معانی کا کیا ہو گا؟ کرتے یہ ہیں کہ جہاں التباس کا اندیشہ ہو، وہاں فعل امر سے پہلے بَ لگا دیتے ہیں، اور معانی فعل امر کے ہی لیتے ہیں : بکش، بکشید؛ بکن، بکنید؛ بنویس، بنویسید؛ بخواں، بخوانید؛ وغیرہ۔
فعل نہی بنانے کے لئے فعل امر سے پہلے مَ داخل کرتے ہیں : مَکُن (نہ کر، مت کر)، مَکُنید (نہ کرو، مت کرو)؛ مَکَش (نہ کھینچ، مت کھینچ)، مَکَشید (نہ کھینچو، مت کھینچو)؛ وغیرہ۔ مضارع پر ’م‘ کی بجائے ’ن‘ بھی داخل ہوتا ہے تاہم، وہ فعل نہی نہیں ہوتا۔ وضاحت افعالِ نافیہ کی ذیل میں آئے گی۔
فعل مستقبل بنانے کے لئے فعل ماضی مطلق سے پہلے خواہد (فعل ناقص) کا متعلقہ صیغہ داخل کرتے ہیں ۔ رفتن سے فعل ماضی مطلق رفت (وہ گیا) اور فعل مستقبل خواہد رفت (وہ جائے گا)، آمدن سے فعل مستقبل خواہد آمد (وہ آئے گا)، گفتن سے خواہد گفت (وہ کہے گا)، وغیرہ۔ ان کی گردانیں ملاحظہ ہوں :۔
رفتن سے  خواہد رفت، خواہند رفت، خواہی رفت، خواہید رفت، خواہم رفت، خواہیم رفت۔
آمدن سے خواہد آمد، خواہند آمد، خواہی آمد، خواہید آمد، خواہم آمد، خواہیم آمد۔
گفتن سے خواہد گفت، خواہند گفت،خواہی گفت، خواہید گفت، خواہم گفت، خواہیم گفت۔ 
خلاصہ: گردان فعل ناقص مضارع ’’خواہد‘‘ کی ہو گی اور اس کے ساتھ ماضی واحد غائب کے موافق رہے گا۔
فعل لازم وہ ہے جو اپنے معانی کی تکمیل کے لئے کسی مفعول کا تقاضا نہ کرے، مثلاً: چلنا، پھرنا، بولنا، سوچنا، سونا، جاگنا، مرنا وغیرہ۔ فعل متعدی اپنے معانی کی تکمیل کے لئے مفعول کا تقاضا کرتا ہے، مثلاً: چلانا، بلانا، جگانا، کھانا، پکڑنا، پیٹنا، سمجھانا، پکانا وغیرہ۔ بہت سے افعال موقع محل کے مطابق لازم یا متعدی ہوتے ہیں، ایسے افعال کو فعل لازم و متعدی کہا جاتا ہے۔ دیگر، ایسے افعال بھی ہوتے ہیں جو بیک وقت ایک سے زیادہ مفعول کا تقاضا کرتے ہیں، مثلاً: اٹھوانا، لکھوانا، پکوانا، کھلانا، پلانا وغیرہ۔ انہیں متعدی المتعدی کہا جاتا ہے۔ ان مصادر کا فارسی ترجمہ کسی بھی اچھی قاموس، لغت یادرسی کتاب میں دیکھا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ فعل لازم سے فعل مجہول نہیں بن سکتا۔
 اسم حال: یہ بھی مصدر سے لیا جاتا ہے اور اس میں کسی اسم کی حالت یا کیفیت کا معنیٰ پایا جاتا ہے۔ مثلاً دَوِیدن سے دَواں (دوڑتا ہوا)، رفتن سے رواں (چلتا ہوا)، کردن سے کُناں (کرتا ہوا)، شائستن سے شایاں (جچتا ہوا)، گریستن سے گِریاں (روتا ہوا)، خندیدن سے خنداں (ہنستا ہوا)، وغیرہ۔ طریقہ یہ ہے کہ مضارع کی علامت ’’د‘‘ کو ہٹا کر اُس کی جگہ ’’ان‘‘ (ماقبل سے متصل) لگاتے ہیں ۔ واضح رہے کہ اسمِ فاعل، اسمِ مفعول اور اسم حال میں بہت تھوڑا فرق ہے اور یہ دونوں ایک دوسرے کی جگہ بھی لے لیا کرتے ہیں، لہٰذا یہاں التباس سے بچنا ضروری ہے۔
فعل ماضی مطلق: گزرے ہوئے زمانے میں ہونے والا کام، جس میں کوئی مزید تخصیص (قریب، بعید، استمرار) وغیرہ نہ ہو۔ مصدر کا ’’ن‘‘ ہٹا دیں تو فعل ماضی مطلق کا پہلا صیغہ حاصل ہوتا ہے۔ آمدن سے آمد (وہ آیا)، رفتن سے رفت (وہ گیا)، خوردن سے خورد (اس نے کھایا)، نوشتن سے نوشت (اس نے لکھا)۔ 
 ساختن (بنانا)سے فعل ماضی مطلق معروف کی گردان :  ساختن کا ’’ن‘‘ ہٹانے سے ساخت حاصل ہوا (اس نے بنایا)۔ یہ گردان کا پہلا صیغہ ہے۔
پہلا صیغہ(واحد غائب): ساخت (اس نے بنایا): کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ تلفظ : ساخ ت؛ دوسرا صیغہ(جمع غائب): ساختند (انہوں نے بنایا): پہلے صیغے پر ند کا اضافہ ہوا۔ تلفظ: ساخ تَن د؛ تیسرا صیغہ (واحد حاضر): ساختی (تو نے بنایا): پہلے صیغے پر ’’ی‘‘ کا اضافہ ہوا؛ چوتھا صیغہ (جمع حاضر): ساختید (تم نے بنایا): پہلے صیغے پر’’ید‘‘ کا اضافہ ہوا؛ پانچواں صیغہ (واحد متکلم): ساختم (میں نے بنایا): پہلے صیغے پر ’’م‘‘ کا اضافہ ہوا۔ تلفظ: ساخ تَم؛ چھٹا صیغہ (جمع متکلم): ساختیم (ہم نے بنایا): پہلے صیغے پر ’’یم‘‘ کا اضافہ ہوا۔
رفتن (جانا) کا ’’ن‘‘ ہٹانے سے رفت (وہ گیا)۔ پہلا صیغہ(واحد غائب): رفت (وہ گیا): کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ تلفظ: رَفْ ت؛ دوسرا صیغہ(جمع غائب): رفتند (وہ گئے): پہلے صیغے پر’’ ند‘‘ کا اضافہ ہوا۔ تلفظ: رف تَن د؛ تیسرا صیغہ (واحد حاضر): رفتی (تو گیا): پہلے صیغے پر ’’ی‘‘ کا اضافہ ہوا۔ تلفظ: رف تی؛ چوتھا صیغہ (جمع حاضر): رفتید (تم گئے): پہلے صیغے پر’’ید‘‘ کا اضافہ ہوا؛ پانچواں صیغہ (واحد متکلم): رفتم (میں گیا): پہلے صیغے پر ’’م‘‘ کا اضافہ ہوا۔ تلفظ: رف تَم؛ چھٹا صیغہ (جمع متکلم): رفتیم (ہم گئے): پہلے صیغے پر ’’یم‘‘ کا اضافہ ہوا۔
فعل ماضی مطلق میں صیغہ سازی کا خلاصہ یہ ہے:  مصدر کی علامت ’’ن‘‘ ہٹا کر اس پر قوسین کے اندر دئے گئے حروف داخل کریں :۔ ۱ ()، ۲ (ند)، ۳ (ی)، ۴(ید)، ۵ (م)، ۶ (یم)۔ (خالی قوسین= کچھ بھی نہیں )۔
 رنجیدن (ناخوش ہونا، فکرمند ہونا) سے فعل ماضی مطلق معروف کی گردان: رنجید (وہ ناخوش ہوا) رنجیدند (وہ ناخوش ہوئے)، رنجیدی (تو ناخوش ہوا)، رنجیدید (تم ناخوش ہوئے)، رنجیدم (میں ناخوش ہوا)، رنجیدیم (ہم ناخوش ہوئے) ۔
رَبُودَن (اچکنا) سے : رَبُود (اس نے اچک لیا)، ربودند، ربودی، ربودید، ربودم، ربودیم۔
فعل ماضی قریب: وہ ماضی ہے جس میں قریب کے معنے پائے جائیں مثلاً: وہ آیا ہے یا آ گیا ہے، میں نے خط لکھ لیا ہے، حمید جا چکا ہے، وغیرہ۔ مصدر کی علامت’’ن‘‘ ہٹا کر اس کی جگہ ہ لگاتے ہیں ۔ پھر اس پر فعل ناقص ’’است‘‘ داخل کرکے’’ است‘‘ کی گردان مکمل کرتے ہیں ۔ 
مثال کے طور پر: نَوِشْتن (لکھنا) کی علامتِ مصدر ’’ن‘‘ ہٹا کر ہ لگایا تو  نَوِشْتہ حاصل ہوا (اس کو اسم مفعول سے خلط ملط نہ کریں )۔ اس پر’’ است‘‘ داخل کر کے گردان مکمل کی تو: نوشتہ است (اس نے لکھا ہے)، نوشتہ اند (انہوں نے لکھا ہے)، نوشتہ ای (تو نے لکھا ہے)، نوشتہ اید (تم نے لکھا ہے)، نوشتہ ام (میں نے لکھا ہے)، نوشتہ ایم (ہم نے لکھا ہے)۔
 آمدن (آنا) سے فعل ماضی قریب کی گردان: آمدہ است (وہ آیا ہے)، آمدہ اند (وہ آئے ہیں )، آمدہ ای (تو آیا ہے)، آمدہ اید (تم آئے ہو)، آمدہ ام (میں آیا ہوں )، آمدہ ایم (ہم آئے ہیں )۔ اسی نہج پر خوردن (کھانا) سے ماضی قریب کی گردان: خوردہ است (اس نے کھایا ہے)، خوردہ اند، خوردہ ای، خوردہ اید، خوردہ ام، خوردہ ایم۔
خلاصہ یہ ہوا: مصدر کی علامت ’’ن‘‘ ہٹا کر اس کی جگہ ترتیب وار (بہ لحاظ صیغہ) یہ اضافہ کریں : ہ است، ہ اند، ہ ای،ہ اید،ہ ام،ہ ایم۔ 
فعل ماضی بعید: وہ ماضی ہے جس میں بعید کے معنی پائے جاتے ہوں مثلاً: اس نے دیکھا تھا، وہ جا چکا تھا، ٹیم ہار گئی تھی، وغیرہ۔ فعل ماضی قریب میں است کی بجائے بُود لگا کر اس کی گردان مکمل کر لیتے ہیں ۔ مثال کے طور پر: آمدہ بودم (میں آیا تھا)، رفتہ بودید (تم جا چکے تھے)، کُشتہ بودند (انہوں نے مارا تھا)۔
فعل ماضی شکیہ: وہ ماضی ہے جس میں شک کا معنیٰ پایا جائے مثلاً: وہ آیا ہو گا، تم نے سنا ہو گا، آپ نے دیکھا ہو گا، وغیرہ۔ فعل ماضی قریب میں است کی بجائے باشد لگا کر اس کی گردان مکمل کر لیتے ہیں ۔ مثلاً: آمدہ باشد (وہ آیا ہو گا)، شنیدہ باشی (تو نے سنا ہو گا)، دیدہ باشید (تم نے دیکھا ہو گا)، وغیرہ۔
فعل ماضی استمراری: وہ ماضی جس میں استمرار اور جاری رہنے کے معنے پائے جائیں، مثلاً: میں جاتا تھا، وہ آ رہا تھا، ہم سو رہے تھے، حمید سن رہا تھا، آپ جانتے تھے، تو پوچھا کرتا تھا، وغیرہ۔ فعل ماضی مطلق سے پہلے مے لگاکر گردان مکمل کرتے ہیں ۔ مثلاً: مے رفتم (میں جاتا تھا)، مے آمد (وہ آ رہا تھا)، مے خوابیدیم (ہم سوتے تھے)، مے گفتید (تم کہا کرتے تھے)، وغیرہ۔ واضح رہے کہ مثال کے طور پر ہم سنا کرتے تھے، ہم سن رہے تھے، ہم سنتے تھے ان تینوں صورتوں کا فارسی ترجمہ ایک ہی ہو گا یعنی مے شنیدیم۔ فعل حال کی طرح یہاں بھی فعل میں تواتر کا مفہوم دینے کے لئے مے کو ہمے سے بدل دیتے ہیں، مثلاً: ہمے رفتم (میں جا رہا تھا، میں جایا کرتا تھا)، و علیٰ ہٰذا القیاس۔
ماضی شرطی یا ماضی تمنائی: ماضی کی وہ صورت ہے جو شرط، تمنا وغیرہ کے ساتھ خاص ہے۔ اس کی گردان معمول سے کسی قدر ہٹ جاتی ہے۔ در اصل تین صیغے (۱۔واحد غائب، ۲۔جمع غائب اور۵۔ واحد متکلم) اس کے اپنے ہیں جن میں فعل ماضی مطلق پر ے داخل کرتے ہیں ۔ باقی تین صیغے (۳۔واحد حاضر، ۴۔جمع حاضر اور ۶۔جمع متکلم) ماضی استمراری سے لے لئے جاتے ہیں ۔ مثال کے طور پر:۔
کردن (کرنا) سے ماضی شرطی یا تمنائی کی گردان: کردے (وہ کرتا)، کردندے (وہ کرتے)، مے کردی (تو کرتا)، مے کردید (تم کرتے)، کردمے (میں کرتا)، مے کردیم (ہم کرتے)۔ 
گفتن (کہنا) سے ماضی شرطی یا تمنائی کی گردان: گفتے (وہ کہتا)، گفتندے (وہ کہتے)، مے گفتی (تو کہتا)، مے گفتید (تم کہتے)، گفتمے (میں کہتا)، مے گفتیم (ہم کہتے)۔ 
 جُستن (ڈھونڈنا سے)  :  جُستے، جُستندے، مے جُستی، مے جُستید، جُستمے، مے جُستیم۔ 
 فاعل اور مفعول کے حوالے سے فعل کی دو صورتیں ہیں ۔ فعل معروف فاعل کے حوالے سے ہوتا ہے۔ اوپر ہم افعال پر جتنی بحث کر آئے،اُس میں فعل معروف استعمال کیا ہے۔ فعل مجہول فاعل کی بجائے مفعول کے حوالے سے ہوتا ہے۔ جیسے، وہ مارا گیا، خط لکھا جا چکا، چائے پی جاتی ہے، سڑک بنائی جائے گی، چور پکڑا جاتا، تصویر بنا لی گئی ہوتی، وغیرہ۔ یاد رہے کہ فعل مجہول صرف فعل متعدی یا متعدی المتعدی کی صورت میں درست ہو سکتا ہے، فعل لازم سے فعل مجہول نہیں بن سکتا ۔ وجہ ظاہر ہے کہ فعل لازم اپنے معانی کے اعتبار سے مفعول کا متقاضی نہیں ہوتا اور فعل مجہول ہوتا ہی مفعول کے حوالے سے ہے۔ مثال کے طور پر ’آمدہ شد‘، ’رفتہ شد‘  اور ایسے مجہول افعال جو فعل لازم سے بنائے گئے ہوں، غلط اور بے معنی سمجھے جائیں گے۔
فعل مجہول بنانے کا براہ راست طریقہ سمجھنے کے لئے ہم مصدر کردن (کرنا) میں فعل معروف کے کچھ جملے لے کر ان کو مجہول میں بدلتے ہیں ۔ مثال کے طور پر: کردہ است (اس نے کیا ہے)، مے کرد (وہ کرتا تھا)، مے کنم (میں کرتا ہوں )، کردہ بودی (تو نے کیا تھا)، کردمے (میں کرتا)، خواہیم کرد (ہم کریں گے)، کردہ باشند (انہوں نے کیا ہو گا)، کردہ اند (انہوں نے کیا ہے)۔ ان جملوں کے بنیادی فعل تام کا تعین کریں، وہ ہے:کردن (کرنا)۔اِن جملوں میں مصدر ’’کردن‘‘ کی زمانے(سوالیہ،نافیہ وغیرہ) اور فاعل کے صیغہ کے مطابق جو بھی صورت آئی ہے، اس کی جگہ مصدر شدن کی وہی صورت رکھ دیں : شدہ است، مے شد، مے شود، شدہ بودی، شدمے، خواہیم شد، شدہ باشد، شدہ اند۔ اب اِن سے پہلے اسم مفعول (کردہ) لگا دیں ۔ ہمیں یہ جملے حاصل ہوئے: کردہ شدہ است (وہ کیا گیا ہے)، کردہ مے شد (وہ کیا جاتا تھا)،کردہ مے شود (وہ کیا جاتا ہے)،کردہ شدہ بودی (تو کیا جائے گا)، کردہ شدمے (میں کیا جاتا)،کردہ خواہیم شد (ہم کیے جائیں گے)،کردہ شدہ باشد (وہ کیا گیا ہو گا)، کردہ شدہ اند (وہ کئے گئے ہیں ) ۔ مصدر ’’آزمودن‘‘ (آزمانا) میں انہی ضمائر و افعال کے جملے فعل مجہول میں یوں ہوں گے: آزمودہ شدہ است (وہ آزمایا گیا ہے)، آزمودہ مے شد (وہ آزمایا جاتا تھا)،آزمودہ مے شود (وہ آزمایا جاتا ہے)،آزمودہ شدہ بودی (تو آزمایا جائے گا)، آزمودہ شدمے (میں آزمایا جاتا)،آزمودہ خواہیم شد (ہم آزمائے جائیں گے)،آزمودہ شدہ باشد (وہ آزمایا گیا ہو گا)، آزمودہ شدہ اند (وہ آزمائے گئے ہیں ) ۔ اِسی قیاس پر ہم کسی بھی مصدر سے حاصل شدہ کسی بھی زمانے اور کسی بھی ضمیر کے فعل معروف سے فعل مجہول بنا سکتے ہیں ۔ 
افعالِ نافیہ: فعل میں نفی کے معنی دینا مقصود ہو تو اس سے پہلے ’’نہ‘‘ داخل کرتے ہیں ۔ بسا اوقات اس نافیہ ’’نہ‘‘ کی ہ ہٹا دی جاتی ہے اور اکیلا بچ جانے والا ’’ن‘‘ فعل سے متصل ہو جاتا ہے۔ مثلاً: کردہ بود سے کردہ نبود (اس نے کیا تھا، اس نے نہیں کیا تھا)، مے رفتم سے نمی رفتم (میں جاتا تھا، میں نہیں جاتا تھا)، خواہم گفت سے نخواہم گفت (میں کہوں گا، میں نہیں کہوں گا)، وغیرہ۔ فعل کا پہلا حرف ’’آ‘‘ ہو تو نفی بناتے وقت اُسے ’’یا‘‘ سے بدل دیتے ہیں اور پھر اُس پر ’’ن‘‘ داخل کیا جاتا ہے۔ مثلاً: آمدم سے نیامدم (میں آیا، میں نہیں آیا)، آوردند سے نیاوردند (وہ لائے، وہ نہیں لائے)، آموختی سے نیاموختی (آپ نے سکھایا، آپ نے نہیں سکھایا)؛وغیرہ۔

شذرہ:۔ نفی کا جملہ کسی بھی فعل میں کسی بھی ضمیر کا ہو سکتا ہے اور اِس میں کسی کام کا نہ ہونا مذکور ہوتا ہے (مثالیں اوپر آ چکیں )۔ جب کہ فعل نہی کا جملہ ہمیشہ ضمیر حاضر (واحد یا جمع) سے خطاب ہوتا ہے اور اِس میں کسی کام کے نہ کرنے کا حکم، درخواست،مشورہ، نصیحت وغیرہ ہوتے ہیں (تفصیل پہلے آ چکی ہے: فعل امر، فعل نہی)۔ 


ساتواں سبق : وحدت و جمع، تذکیر و تانیث، مصدر اور حاصل مصدر، اسم فاعل، اسم مفعول، مرکب کلمات، عدد معدود، فاعل غیر نمایاں ؛ وغیرہ  


 مصادر، افعال اور گردانوں پر ابتدائی بحث مکمل ہو چکی۔ان قواعد کے عملی اطلاق کے لئے ضروری ہے کہ ہمارے پاس مناسب ذخیرۂ الفاظ بھی موجود ہو۔ آپ جانتے ہیں کہ ذخیرۂ الفاظ بڑھانے کے لئے مطالعہ اشد ضروری ہے۔ علاوہ ازیں چند متفرق تصورات ایسے ہیں جو قواعد سے شناسائی کے ساتھ ساتھ اس ذخیرہ میں اضافہ بھی کرتے ہیں، مثال کے طور پر، واحد اور جمع، مذکر اور مؤنث، اسمِ صِفَت کی تین حالتیں، عدد اور معدود وغیرہ۔ مناسب ہو گا کہ ہم پہلے ان تصورات کو سمجھ لیں ۔
واحد اور جمع: فارسی میں واحد سے جمع بنانے کے چار بڑے قواعد ہیں ۔
پہلا قاعدہ: واحد اگر عاقل ہو تو اس پر ’’ان‘‘ کا اضافہ کرتے ہیں ۔ مثلاً: مرد سے مردان یا مردمان، بزرگ سے بزرگان، استاذ سے استاذان، مہمان سے مہمانان، زن سے زنان، اسپ سے اسپان، کودک سے کودکان، طفل سے طفلان، وغیرہ۔ اگر واحد کا آخری حرف ’’ہ‘‘ ہو تو اسے ’’گ‘‘ سے بدل کر اس پر ’’ان‘‘ کا اضافہ کرتے ہیں ۔ مثلاً: بچہ سے بچگان۔ یہی قاعدہ ایسے اسم مفعول اور اسم فاعل پر بھی لاگو ہوتا ہے جہاں واحد کا آخری حرف ’’ہ‘‘ ہو: مردہ سے مردگان، کشتہ سے کشتگان، درندہ سے درندگان، زندہ سے زندگان، وغیرہ۔مزید، اگر واحد کا آخری حرف الف یا واؤ ہو تو اس پر ’’یان‘‘ بڑھاتے ہیں، جیسے: گدا سے گدایان، جنگجو سے جنگجویان، وغیرہ۔ اس ’’یان‘‘ کا سبب حقیقی یہ ہے کہ ایسے اسماء کے آخر میں یائے مستور ہوتا ہے۔یعنی: گدای، جنگ جُوی (یائے مستور ساکن حالت میں غیر ناطق ہوتا ہے اور بسا اوقات یہ بولتا بھی نہیں ۔ تراکیب وغیرہ میں یہی یائے مستور متحرک ہو کر صوتیت میں شامل ہو جاتا ہے۔ 
دوسرا قاعدہ: واحد اگر غیر عاقل ہو تو اس پر ہا کا اضافہ کرتے ہیں، مثلاً: ذرہ سے ذرہ ہا، ہزار سے ہزارہا، شجر سے شجر ہا، نہال سے نہال ہا، زمزمہ سے زمزمہ ہا، سال سے سال ہا، قلم سے قلم ہا،  وغیرہ۔
تیسرا قاعدہ: بعض واحد اسماء کی جمع بنانے کے لئے ان پر ’’ات‘‘ کا ( اور اگر واحد کا آخری حرف ’’ہ‘‘ ہو تو ’’جات‘‘ کا) اضافہ کرتے ہیں، مثلاً: مکان سے مکانات، مندرج سے مندرجات، باغ سے باغات، پرچہ سے پرچہ جات، ضمیمہ سے ضمیمہ جات، رسالہ سے رسالہ جات، خوشبو سے خوشبویات (بوی میں یائے مستور ہے)؛  وغیرہ۔
چوتھا قاعدہ: واحد اور جمع میں عربی قواعد(جمع سالم، جمع مکسر) کا تتبع بھی کیا جاتا ہے۔مثال کے طور پر: جاہل سے جاہلون اور جہلا، ارم سے آرام،دِقَّت سے دقائق، حقیقت سے حقائق، کتاب سے کتب، وغیرہ۔
مذکر اور مؤنث: عام طور پر مذکر اور مؤنث عربی کے قاعدہ مؤنث سماعی کے مطابق ہیں اور کسی خاص لفظی ساخت کے پابند نہیں، مثلاً: داماد (دولھا)، عروس (دلہن)، پدر (باپ)، مادر (ماں )، بانو (بیوی)، کنیز (لونڈی، نوکرانی، خادمہ)، آتون (استانی)، خاشتہ (سالی)، زن (عورت)، دختر (بیٹی)، خواہر (بہن)، وغیرہ۔ بہت سے اسماء مذکر اور مؤنث کے لئے ایک ہی صورت مروج ہے، جیسے: خیاط (درزی، درزن)، دکتر (ڈاکٹر)، خر (گدھا، گدھی)، سگ (کتا، کتیا)، وغیرہ۔ ایسے میں تخصیص کی خاطر مذکر اور مؤنث کی مرکب صورت لائی جاتی ہے، مثلاً: خیاط زن (درزن)، بیوہ مرد (رنڈوا) اور بیوہ زن (رانڈ)، کد خدا (شوہر)، کد بانو (بیوی)، جادوگر مرد، جادوگر زن، پدرِ بزرگ (دادا، نانا)، مادرِ بزرگ (دادی، نانی)، وغیرہ۔ حیوانات کے لئے بھی مرکب کی کوئی صورت لاتے ہیں، مثال کے طور پر: بُز نر (بکرا)، بُز مادہ (بکری)، گوسفند نر (مینڈھا، قوج)، گوفند مادہ (بھیڑ، میش)، گاونر (بیل) گاومادہ (گائے)  وغیرہ۔
تفضیل (اسمِ صفَت کی صورتیں ): جیسا کہ ہم پہلے جان چکے ہیں، اسمِ صفت وہ اسم ہے جو کسی دوسرے اسم کی کسی خوبی، خامی، وصف وغیرہ کو ظاہر کرے۔ مثلاً: خوب، بزرگ، تیز، زیرک، سیاہ، سفید، جری، وغیرہ۔ اسمِ صفت کی تین صورتیں ہوتی ہیں ۔ تفضیلِ نفسی یعنی جب صفت کے حوالے سے کسی دوسرے سے تقابل نہ ہو۔ تفضیلِ بعض یعنی جب اس حوالے سے کسی ایک یا زائد اسما سے موازنہ مقصود ہو۔ اس صورت میں اسمِ صفت پر تر کا اضافہ کرتے ہیں، جیسے: خوب تر، تیز تر، بد تر، کم تر، تشنہ تر، وغیرہ۔ تفضیلِ کل میں یہ تقابل بقیہ سب سے ہوتا ہے، جیسے: بد ترین، بزرگ ترین، خوب ترین، وغیرہ۔
مصدر اور اسمِ حاصل مصدر: مصدر وہ ہے جس سے تمام زمانے اور افعال اخذ کئے جاتے ہیں ۔ مصدر ہی سے اس کا ہم معنی ایک ایسا کلمہ بھی اخذ کیا جاتا ہے، جس کے معانی تو اسی مصدر کے سے ہوتے ہیں، مگر حیثیت مصدر کی نہیں رہتی۔ اسے اسمِ حاصل مصدر کہا جاتا ہے ۔ اسمِ حاصل مصدر سے افعال اور زمانے اخذ نہیں ہوتے۔ مثالیں : کردن (کرنا) سے کردار، کار، کار کردگی۔ گفتن (کہنا) سے گفتار، گوئی۔ آمدن (آنا) سے آمد۔ آوردن (لانا) سے آوری، آورد۔ شکستن (ٹوٹنا، توڑنا) سے شکست، شکنی، شکن۔ برخاستن (اٹھنا) سے برخاست، بر خیزی۔ پیراستن (سنورنا، سنوارنا) سے پیرائش، پیرایہ۔ پیچیدن (لپیٹنا، لپٹنا) سے پیچ، پیچش، پیچیدگی۔ مالیدن (مَلنا) سے مالش۔ نمودن (دکھانا) سے نمائش۔ گریستن (رونا) سے گریہ، نوشتن (لکھنا) سے نوشت، نویسی۔ پرستیدن (پوجنا) سے پرستش، پرستی، وغیرہ۔
متفرق مشتقات: مصدر کی علامت ’’ن‘‘ ہٹا کر اس کی جگہ ہ لگا دینے سے اسمِ مفعول حاصل ہوتا ہے۔ مثلاً: بوسیدن (گھِسنا، گر جانا) سے بوسیدہ (گھِسا ہوا، گرا ہوا) کپڑا، مکان ؛ آزمودن (آزمانا) سے آزمودہ (آزمایا ہوا) نسخہ، حربہ؛ وغیرہ۔ مشہور قول ہے: آزمودہ را آزمودن جاہل است (آزمائے ہوئے کو آزمانا جہالت ہے)۔ مضارع کی علامت ’’د‘‘ ہٹا دینے سے اسمِ فاعل حاصل ہوتا ہے۔ کردن: کند سے کن (کرنے والا)، نوشتن: نویسد سے نویس (لکھنے والا)، گفتن: گوید سے گو (کہنے والا)، وغیرہ۔ یہ ماحصل فعل امر کے صیغہ واحد حاضر سے مشاکل  ہوتا ہے اس لئے سلاست کی غرض سے فعل امر سے پہلے ’’ب‘‘ لگا دیتے ہیں، مثلاً: کن: بکن (کر)، نویس: بنویس (لکھ)، گو: بگو (کہہ)، وغیرہ۔ مضارع کی علامت د ہٹا کر اس کی جگہ ندہ  لگانے کا حاصل بھی اسمِ فاعل ہوتا ہے۔ مندرجہ بالا مثالوں میں کند سے کنندہ، نویسد سے نویسندہ، گوید سے گویندہ، وغیرہ۔ مضارع کی علامت ہٹا کر ’’ان‘‘ لگانے سے اسمِ کیفیت حاصل ہوتا ہے، مثلاً:۔ رفتن:رَوَد سے رواں (جاتا ہوا)، دَوِیدن: دَوَد سے دَواں (دوڑتا ہوا)، افتادن: افتد سے افتاں (گرتا ہوا)، شائستن: شاید سے شایاں (پھبتا ہوا)، پرسیدن: پُرسد سے پُرساں، وغیرہ۔ واضح رہے کہ بسا اوقات اسمِ کیفیت اور اسم فاعل ہم معنی ہو جاتے ہیں ۔
 نون ناطق اور نون غنہ: جس میں آخر میں نون ساکن اور اس سے پہلے حرف علت معروف واقع ہو (لین نہیں )وہاں نون کو غنہ بھی کر دیتے ہیں، اور اسے نون ناطق بھی پڑھا جاتا ہے بشرطیکہ اس سے معانی میں کوئی فرق نہ آئے۔ مثلاً: جہان: جہاں، مکان: مکاں، مکین: مکیں، جوین: جویں، قرین: قریں، بین: بیں، جنون: جنوں، فسون: فسوں ؛ وغیرہ۔ یہ نون غنہ زیرِ اضافت، زیرِ توصیفی، واوِ عطفی وغیرہ کے زیرِ اثر متحرک ہو کر نون ناطق بن جاتا ہے۔ اہلِ زبان نون غنہ کو یوں ادا کرتے ہیں کہ نہ وہ مکمل طور پر ناطق ہوتا ہے اور نہ مکمل غنہ، بلکہ ان کے بین بین ہوتا ہے۔
 اسی طرح، اہلِ زبان کے ہاں، کسی لفظ کے آخر میں (اور بسا اوقات لفظ کے اندر بھی) واقع ہونے والی ’ی؍ے‘ (حرف علت) کا تلفظ یائے مجہول (ے) اور یائے معروف (ی) کے بین بین ہوتا ہے اور املاء میں بھی دونوں صورتیں درست سمجھی جاتی ہیں ۔ مثلاً مے: می، کسے: کسی، بارے: باری، رسمے: رسمی وغیرہ۔ تاہم معانی کا لحاظ رکھنا ضروری ہے۔ یائے لِین (جہاں ’ے‘ سے پہلے حرف پر زبر ہو) کی صورت میں بھی یہ جائز ہے۔ ہم یائے لین کی صورت میں ’ے‘  اوریائے معروف کی صورت میں ’ی‘ لکھنے کی سفارش کریں گے۔
عدد، عددِ ترتیبی اور عددِ ضعفی: فارسی میں اعداد کی ترتیب اردو کی نسبت آسان ہے۔ وہ یوں کہ اردو میں ایک سے سو تک ہر عدد کے لئے ایک خاص لفظ ہے (یا ہر عدد کا ایک نام ہے)۔ فارسی میں ایک سے بیس تک ہر عدد کا اور پھر ہر دہائی کا ایک نام ہے۔ بیس اور اس سے زیادہ ہر دہائی کے بعد ایک سے نوتک کو دہائی کے ساتھ عطف کر دیتے ہیں ۔ یَک، دو، سہ، چہار، پنج، شش، ہفت، ہشت، نُہ، دہ (دَس)، یازدہ، دوازدہ، سیزدہ، چہاردہ، پانزدہ: پانژدہ، ششدہ، ہفدہ، ہشدہ: ہژدہ، نوازدہ، بیست (بیس)، بیست و یک، بیست و دو، بیست و سہ، ۔۔۔۔۔ سی (تیس)، سی و یَک، سی و دو، ۔۔۔۔۔، چِہل (چالیس)، پنجاہ (پچاس)، شصت (ساٹھ)، ہفتاد (سَتّر)، ہشتاد (اَسّی)، نَود (نَوّے)، صد (سَو)، ہزار، و علیٰ ہٰذاالقیاس۔ معدود ہمیشہ واحد،اور اس اعتبار سے اس کا فعل بھی واحد ہوگا۔ مثال کے طور پر چہار نفر آمد (چار لوگ آئے)، وغیرہ۔ اعداد ترتیبی یعنی پہلا، دوسرا، تیسرا ۔۔۔۔ کے لئے عدد پر ’م‘ کا اضافہ کرتے ہیں : یکم، دُوَم، سِوَم، چہارم، ۔۔۔۔۔ یازدہم، دوازدہم ۔۔۔۔بیستم (بیسواں )، بیست و یکم، بیست و دوم، ۔۔۔۔ سِیَم (تیسواں )، سی و یکم، سی و دوم، سی و سوم، ۔۔۔۔ چِہلم (چالیسواں )، پنجاہم (پچاسواں )،  ۔۔۔۔ صَدَم (سَوواں )، و علیٰ ھٰذاالقیاس۔ عداد  ضعفی یعنی دگنا، تگنا، چو گنا، پانچ گنا ۔۔۔۔  دس گنا تک کے لئے عدد کے ساتھ چند  یا برابر لگاتے ہیں اور اس سے زیادہ کے لئے برابر۔ دو چند: دو برابر، سہ چند: سہ برابر، ۔۔۔۔ نُہ چند: نُہ برابر، دہ چند: دہ برابر۔ یازدہ برابر، دوازدہ برابر۔ بیست برابر۔ صد برابر،  و علیٰ ھٰذاالقیاس۔
ایک خاص بات نوٹ کر لیں بعض جملوں میں لفظ ایک گنتی کی بجائے ذکر کے طور پر آتا ہے، جیسے، ایک تھا بادشاہ، میں نے ایک شخص کو دیکھا، ایک رات بہت بارش ہو رہی تھی، وغیرہ۔ اس کے لئے اسم کے ساتھ ے لگاتے ہیں، مثلاً: پادشاہے، شبے، روزے، وقتے، وغیرہ۔ فارسی میں ترکیب یکے بمعنی ایک عام مستعمل ہے، تاہم اس کے بعد حرف جار از لگایا جاتا ہے، مثلاً: یکے از سلاطینِ خراسان را شنیدہ ام کہ خیلے نکو بود ۔اس جملے کا لفظی ترجمہ ہے: میں نے خراسان کے سلاطین سے ایک کو سنا ہے کہ وہ بہت نیک تھا۔ با محاورہ ترجمہ ہو گا: سنا ہے، خراسان کا ایک بہت نیک بادشاہ تھا۔ و علیٰ ھٰذاالقیاس۔ 
اتصال اور کلمۂ مرکب: فارسی زبان کا ایک امتیازی وصف اختصار اور اتصال ہے جس کی کچھ مثالیں ہم ابتدائی اسباق میں بیان کر چکے ہیں ۔ایک سے زیادہ کلمات کو (اس سے قطع نظر کہ وہ قواعد کی رو سے اسم ہیں، یا فعل کا کوئی صیغہ، حرف، اسم ضمیر، وغیرہ وغیرہ)، اگر تلفظ اور املاء کے حوالے سے آپس میں یوں مل سکیں کہ معانی میں کوئی ابہام یا تبدیلی نہ آ جائے تو آپس میں ملا دئے جاتے ہیں ۔ اسے ہم اپنی سہولت کے لئے مرکب لفظ یا کلمۂ مرکب کا نام دیتے ہیں ۔اتصال کا کوئی لگا بندھا قانون نہیں تاہم چند موٹی موٹی باتیں ذہن نشین کر لیجئے:  کہ، نہ، وغیرہ کی ہ ہٹائی جا سکتی ہے۔ ا، آ، وغیرہ اپنے ماقبل سے متصل ہو سکتے ہیں یا حذف ہو سکتے ہیں، مثلاً: کزو (کہ، از، اُو)، ازاں (از، آں )، زِ من (از، من)، کیں (کہ، ایں )، زِ تو (از، تو)، چگونہ (چہ، گُونہ)، گُفتمش (گفتم، اش : میں نے اس سے کہا)، کیست (کہ، است: کون ہے)، چیست (چہ، است: کیا ہے)، نیست (نہ است: نہیں ہے)، بدیں (بہ، ایں )، بدوں : بداں (بہ، آں )، و علیٰ ہٰذاالقیاس۔
فاعل غیر نمایاں :  بعض جملوں میں فاعل معنوی سطح پر موجود ہوتا ہے مگر فعل کے مقابلے میں اس کی نمائندگی چنداں اہم نہیں ہوتی؛ مثلاً: لوگ کہتے ہیں (لوگ)، سپاہی سفیر کو بادشاہ کے پاس لے گئے (سپاہی)، وغیرہ۔ ایسے جملوں کو عام طور پر صیغہ جمع غائب میں بیان کیا جاتا ہے اور اس پر کوئی ضمیر ( آنان، ایشان وغیرہ) بھی نہیں لاتے ؛ مثلاً:۔ (۱): مے گویند (وہ کہتے ہیں : لوگ کہتے ہیں )۔ (۲): ابلہے را گرفتہ، بہ پیشِ فقیرے بردند (وہ : مراد ہے لوگ: ایک دیوانے کو پکڑ کر ایک فقیر کے پاس لے گئے)۔ (۳): گفتہ اند (انہوں نے کہا ہے: مراد ہے سیانے لوگوں نے کہا ہے)۔ (۴) آوردہ اند (وہ لائے ہیں : مراد ہے کتابوں میں لکھا ہے)؛ وغیرہ۔



آٹھواں سبق  :فارسی ادب سے منتخب نمونوں کا آسان اردو میں ترجمہ 

فارسی زبان کے قواعد کا خلاصہ بیان ہو چکا۔ اب ہم کچھ نمونے لے کر ان کا ترجمہ کریں گے۔ لیکن اس سے پہلے ایک بہت اہم بات، کہ محاورے اور ضرب الامثال کا لفظی ترجمہ ممکن نہیں ہوتا، اس کا با محاورہ ترجمہ کرنا پڑتا ہے یا یوں کہئے کہ محاورہ کے مفہوم پر مبنی جملہ بنانا پڑتا ہے۔ اس کے ساتھ ذخیرۂ الفاظ بھی ضروری ہے اور یہ بھی کہ جہاں تراکیب کا ترجمہ کرنا ہو یا ترجمے میں تراکیب حاصل ہوں، وہاں غیر ضروری مشکل پسندی سے گریز ہی مناسب ہے۔شاعری کا ترجمہ کرتے وقت ان شعری صنعتوں کو بھی پیشِ نظر رکھنا پڑتا ہے جو کسی نہ کسی حوالے سے مفاہیم و مطالب پر اثر انداز ہوتی ہوں ۔ اس کے برعکس لفظی صنعتوں کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے،  بدیں وجہ ترجمہ میں اصل کی سی چاشنی باقی نہیں رہتی۔ شعر سے شعر میں ترجمہ کوئی آسان کام نہیں ہے اور ایسا کوئی پختہ کار شاعر ہی کر سکتا ہے بشرطیکہ وہ دونوں زبانوں کا مزاج آشنا ہو، ورنہ ایسی کوشش بجائے خود مضحکہ خیز ہو سکتی ہے۔ 

 مولانا جامی کی ’’بہارستان‘‘ سے کچھ منتخب حکایات کا سادہ ترجمہ 
(۱)   نابینایی در شبِ  تاریک چراغی در دست و سبویی بر دوش در راہی می رفت۔ فضولی بہ وی رسید و گفت: ’’اَی نادان! روز و شب پیشِ تو یکسان است و روشنی و تاریکی در چشمِ تو برابر، ایں چراغ را فایدہ چیست؟‘‘ نابینا بخندید و گفت: ’’این چراغ نہ از بہرِ خود است، از برایِ چوں تو کُور دلانِ بے خرد است تا با من پہلو نرنند و سبویِ مرا نشکنند۔
مباحث: نابینایی: ایک نابینا۔ اس میں آخری ’ی‘ کا معنی ’ایک‘ ہے اور اس سے پہلی ’ی‘ فارسی سے خاص ہے۔ یہ ایسے اسماء کے آخر میں لایا کرتے ہیں جو حرفِ علت ’الف‘ یا ’واؤ‘ پر ختم ہوں ۔ چراغی، سبویی، فضولی میں بھی ’ی‘ کا معنی ’ایک‘ ہے۔ نوٹ کریں کہ فارسی لکھتے ہوئے ’ی‘ اور ’ے‘ میں کوئی امتیاز نہیں کیا جاتا۔مے رفت: وہ جاتا تھا، وہ جا رہا تھا، وَی: وہ، بہ وَی: اسے، گفت: کہا، کہنے لگا، پیشِ تو: تیرے سامنے، تیرے لئے، در چشم تو برابر: تیری آنکھ (نظر) میں برابر، را: کو (کبھی کبھی اس کا معنی کا، کے لئے بھی کیا جاتا ہے)، بخندید: خندیدن مصدر سے خندید فعل ماضی مطلق، صیغہ واحد غائب اور ’ب‘ تاکیدی (وہ ہنسا، وہ ہنس دیا)، نہ از بہرِ خود است: اپنے لئے نہیں ہے، چون: جب، جیسا، کور: اندھا، کور دلان: دل کے اندھے، تا: تا کہ، با من: میرے ساتھ، مجھے، نزنند: زدن (مارنا) مصدر سے مضارع زند، فعل مضارع صیغہ جمع غائب زنند،اور ’ن‘ نافیہ: وہ نہ ماریں ۔ سبویِ مرا: میرے سبو کو، اسے ’سبویم را‘ بھی لکھا جا سکتا ہے۔ نشکنند: شکستن (توڑنا) مصدر سے فعل مضارع منفی، صیغہ جمع غائب: نہ توڑیں، توڑ نہ دیں ۔
 ترجمہ: ایک نابینا، اندھیری رات میں، ہاتھ میں دیا اور کندھے پر صراحی، راہ میں جا رہا تھا۔ایک بیہودہ شخص اس تک پہنچا (اسے ملا) اور بولا: ’’اے نادان! تیرے لئے دن اور رات ایک ہیں اور روشنی اور اندھیرا تیرے لئے برابر، اس دیے کا کیا فائدہ؟‘‘ نابینا ہنس دیا اور بولا: ’’یہ دیا میرے اپنے لئے نہیں ہے، تیرے جیسے بے وقوف، دل کے اندھوں کے لئے ہے کہ میرے ساتھ ٹکرا نہ جائیں اور میری صراحی نہ توڑ دیں ۔
(۲)   اعرابی ای شتری گم کردہ، سوگند خورد کہ چون بیابد بہ یک درم بفروشد۔ چون شتر یافت، از سوگندِ خود پشیمان شد۔ گربہ ای در گردنِ شتر آویخت و بانگ می زد کہ: ’’کہ می خَرد شتری بہ یک درم و گربہ ای بہ صد درم؟ امّا، بی یک دیگر نمی فروشم۔‘‘
مباحث: اعرابی ای، شتری میں ’ی‘ بمعنی ’ایک‘۔ سوگند خورد: قسم کھائی، بیابد: یافتن (پانا، حاصل کرنا) مصدر سے فعل مضارع، ب تاکیدی، بفروشد: فروختن (بیچنا) مصدر سے فعل مضارع، ب تاکیدی۔ گربہ ای: ایک بلی، آویخت: آویختن (سجانا، لگانا، ڈالنا) مصدر سے فعل ماضی مطلق، بانگ می زد: آواز دیتا تھا، آواز دینے لگا، کہ: کون، مے خَرَد: خریدن (خریدنا) مصدر سے فعل حال،  یاد رہے کہ اس کا تلفظ خَ رَد ہے، خَرِد (عقل) کا تلفظ خِ رَد ہے۔ کہ می خَرد: کون خریدتا ہے؟ یک: ایک، صد: سو، اما: لیکن، مگر، بے یک دیگر: ایک کے بغیر دوسرا، الگ الگ، نمے فروشم: فروختن مصدر سے فعل مضارع منفی، صیغہ واحد متکلم۔ میں نہ بیچوں، نہ بیچوں گا۔
ترجمہ: ایک بدو کا اونٹ گم ہو گیا۔ اس نے قسم کھائی کہ اونٹ مل گیا تو ایک درم میں بیچ دوں گا۔ جب اونٹ اسے مل گیا تو اپنی قسم پر پشیمان ہوا۔ ایک بلی اونٹ کی گردن سے لٹکا دی اور آواز دینے لگا: ’’کوئی ہے جو ایک درم میں اونٹ اور ایک سو درم میں بلی خرید لے، مگر میں (ان دونوں ) کو الگ الگ نہیں بیچوں گا۔‘‘
(۳)   طبیبی را دیدند کہ ہرگاہ بہ گورستان رسیدی، ردا در سر کشیدی۔ از سببِ آنش سؤال کردند۔ گفت: ’’از مُردگانِ این کورستان شرم می دارم۔ بر ہر کہ می گزرم ضربتِ من خوردہ است، و در ہر کہ می نگرم از شربتِ من مردہ‘‘۔
مباحث: طبیبی: ایک طبیب، دیدند: انہوں نے دیکھا۔ لوگوں نے دیکھا، ہرگاہ: جب بھی، جب کبھی، رسیدی، کشیدی: یہ ماضی شرطی کے صیغے (واحد غائب) ہیں، ان کو ماضی مطلق کے صیغوں (واحد حاضر) سے خلط ملط نہ کیا جائے، یہاں معنی ماضی استمراری کا آ رہا ہے، وہ پہنچتا، وہ کھینچ لیتا، سببِ آنش: یہاں ’آن‘ اسم اشارہ عمل کی طرف ہے اور ’ش‘ ضمیر طبیب کی طرف۔ از سبب آنش سؤال کردند: (لوگ) طبیب سے اس کی وجہ پوچھتے، بر ہر کہ: جس کسی پر۔ مے گزرم: میں گزرتا ہوں، مے نگرم: میں دیکھتا ہوں ۔
ترجمہ: لوگوں نے ایک طبیب کو دیکھا کہ وہ جب کبھی قبرستان میں جاتا، چادر کو سر پر کھینچ لیتا (منہ چھپا لیتا)۔ طبیب سے اس کا سبب دریافت کیا، وہ کہنے لگا: مجھے اس گورستان کے مُردوں سے شرم آتی ہے، میں جس کے پاس سے گزرتا ہوں، میری چوٹ کھایا ہوا ہے، اور جسے دیکھتا ہوں، میرے شربت کا (میرا شربت پینے کی وجہ سے) مرا ہوا ہے۔
(۴)   روباہ را گفتند: ’’ہیچ توانی کہ صد دینار بِسِتانی و پیغامی بہ سگانِ دِہ رسانی؟‘‘ گفت: ’’واللہ، مُزدی فراوان است، اما در این معاملہ خطرِ جان است‘‘۔
مباحث: روباہ: لومڑی، عیاری اور چالاکی کی علامت، ہیچ توانی: ہیچ کا لفظی معنی ہے ’کم، تھوڑا‘ مصدر توانیدن (طاقت ہونا) سے فعل مضارع صیغہ واحد حاضر، تو کر سکتا ہے۔ با محاورہ ترجمہ ہوا: کیا تیرے لئے ممکن ہے؟  ستانی: تو لے لے، ب تاکیدی، پیغامی: ایک پیغام، سگانِ دِہ: گاؤں یا  بستی کے کتے، رسانی: تو پہنچائے، مزدی: اجرت، فراوان: بہت، زیادہ۔
ترجمہ: کسی نے لومڑی سے کہا: کیا تو یہ کر سکتی ہے کہ ایک سو دینار لے لے اور ایک پیغام بستی کے کتوں تک پہنچا دے؟ اس نے کہا: خدا کی قسم، اجرت بہت (مناسب) ہے مگر اس معاملے میں جان کا خطرہ ہے۔
(۵)   روباہ بچہ ای با مادرِ خود گفت: ’’مرا حیلہ ای بیاموز کہ چون بہ کشا کشِ سگ درمانم، خود را از او برہانم‘‘۔ گفت: ’’حیلہ فراوان است، اما بہترین ہمہ آن است کہ در خانہ خود بنشینی، نہ او ترا بیند نہ تو او را بینی‘‘۔
مباحث: حیلہ: چال، مکر، طریقہ، مرا: مجھے، بیاموز: آموختن (سکھانا) مصدر سے فعل امر: آموز، ب تاکیدی، کشا کش: کشتی، ہاتھا پائی، کھینچا تانی، درمانم: درماندن (عاجز آ جانا) سے فعل مضارع صیغہ واحد متکلم: میں بے بس ہو جاؤں، برہانم: ب تاکیدی، رہانم: چھڑا لوں، بہترینِ ہمہ آن است: سب سے بہتر یہی ہے، بنشینی: تو بیٹھ رہ۔
ترجمہ: لومڑی کے بچے نے اپنی ماں سے کہا: ’’مجھے ایسی چال سکھا کہ جب کتے سے کھینچا تانی میں بے بس ہو جاؤں تو خود کو چھڑا لوں ‘‘۔ اس نے کہا: ’’طریقے بہت ہیں، مگر بہترین یہی ہے کہ تو اپنے گھر میں بیٹھ رہ، نہ وہ تجھے دیکھے اور نہ تو اسے دیکھے۔

مولانا جلال الدین رومی کے متعلق ڈاکٹر عبدالحسین زرین کوب کے مضمون کے منتخب حصے کا ترجمہ
(۶) مولانا، صحبت با فقرای اصحاب را بیش از ہر چیز دوست می داشت و آن را بر صحبت با اکابرِ شہر ترجیح می داد۔ شفقتِ او شامل حیوانات ہم می شد وہ یاران را از آزارِ جانوران مانع می آمد۔بہ یاران تعلیم می داد کہ جوانمرد از رنجاندنِ کس نمی رنجد، و کسی را نمی رنجاند۔ در گزر از کویی، یک روز دو تن را در حالِ نزاع دید۔ یکی بہ دیگری پرخاش می کرد کہ: ’’اگر یکی بہ من گوئی، ہزار بشنوی‘‘۔ مولانا رو بہ آن دیگری کرد و گفت: ’’ہر چہ خواہی بہ من گوی کہ اگر ہزار گویی یکی ہم نشنوی‘‘۔۔۔۔۔۔   زندگی وی با قناعت و گاہ با قرض می گزشت۔ اما ازین فقرِ اختیاری ہیچ گونہ نا خورسندی نشان نمی داد۔ سادہ، بی تجمل و عاری از رُوی و ریا بود۔ با اہل خانہ دوستانہ می زیست۔ لباس و غذا و اسباب خانہ اش سادہ بوہ۔ غذای او غالباً از نان و ماست یا ما حضری محَقَّر تجاوز نمی کرد۔ از زندگی فقط بہ قدرِ ضرورت تمتع می برد۔
مباحث: با ذوق احباب کو مندرجہ بالا اقتباس کی لفظیات نامانوس نہیں لگی ہو گی۔ پہلے ایک نظر ان الفاظ کو دیکھ لیں جو اردو اور فارسی میں معمولی معنوی فرق کے ساتھ یا یکساں مستعمل ہیں :  مولانا، صحبت با فقرا، اصحاب، بیش، ہر چیز، دوست، داشت، صحبت، اکابرِ شہر، ترجیح، شفقت، شامل، حیوانات، یاران، آزار، جانوران، مانع، آمد، تعلیم، کہ، جوانمرد، رنج، کس، کسے، در گزر، کوی، یک روز، دو، در حالِ نزاع، دید، یکے بہ دیگرے، پرخاش، اگر، گوئی، ہزار، رو، ہر چہ، زندگی، با قناعت، گاہ، با قرض، گزشت، فقرِ اختیاری، ہیچ، گونہ، نا خورسندی، نشان، سادہ، بی تجمل، عاری از رُوی و ریا، اہل خانہ، دوستانہ، لباس و غذا و اسباب خانہ، سادہ، غذا، غالباً، نان و ماست، ما حضر، تجاوز، فقط، بہ قدرِ ضرورت، تمتع۔آپ نے دیکھا کہ الفاظ کی یہ فہرست اصل (مکمل) عبارت کے تین چوتھائی کے قریب ہے، باقی ایک چوتھائی حصہ افعال اور گردان وغیرہ کا ہے، جس کی تفہیم چنداں مشکل نہیں، بہت سے افعال و الفاظ پر مولانا جامی کی حکایات کی ذیل میں بحث ہو چکی، چند قابل توجہ نکات ملاحظہ فرمائیے: اس اقتباس میں زیادہ جملے فعل ماضی استمراری کے ہیں، ایک آدھ جملہ فعل مضارع اور فعل ماضی مطلق کا ہے۔ بعض الفاظ کے ساتھ ’ے‘ غیر ناطق آئی ہے۔یاد رہے کہ فارسی میں ایسے اسماء اور افعال کے آخر میں جو کسی حرف علت پر ختم ہوں، ’ے‘ غیر ناطق موجود ہوتا ہے جسے بالعموم لکھا نہیں جاتا (ڈاکٹر عبدالحسین زرین کوب نے اسے لکھا ہے) مثلاً کوے (گلی)، گوے (کہہ)، وغیرہ۔ دوست می داشت: عزیز رکھتا تھا، بیش از ہر چیز: سب سے زیادہ، ہم: بھی، مانع می آید: منع کرتا تھا، رنجیدن: دکھ ہونا، رنجانیدن: دکھ دینا، کس کسے: کوئی شخص، دو تن: دو شخص، اگر یکی بہ من گویی، ہزار بشنوی: اگر تو مجھے ایک کہے گا تو ہزار سنے گا، ہر چہ خواہی بہ من گوی: مجھے جو چاہے کہہ لے، اگر ہزار گویی یکی ہم نشنوی: اگر تو ہزار کہہ لے گا تو ایک بھی نہیں سنے گا، گاہ: کبھی، ہیچ گونہ: ذرہ بھر، ناخرسندی: ناخوشی، غم، رنج، نشان نمی داد: دکھائی نہ دیتی تھی، بے تجمل: دکھلاوے سے پاک، عاری از روی و ریا: ٹھاٹ باٹ اور شہرت سے پاک، اسبابِ خانہ اش: اس کے گھر کا سامان، نان و ماست: روٹی اور دہی، ما حضری محقر: روکھی سوکھی، تمتع می برد: فائدہ اٹھاتا تھا۔ ایک خاص بات نوٹ کریں کہ فارسی میں ’ی‘ اور ’ے‘ کی املا میں فرق نہیں رکھا جاتا، اس لئے یہاں اِشکال سے بچنے کے لئے الفاظ سے شناسائی بہت ضروری ہے۔
ترجمہ: مولانا فقیر لوگوں کے ساتھ اٹھنے بیٹھنے کو ہر شے پر مقدم رکھتے تھے اور اسے شہر کے اکابرین کے ساتھ اٹھنے بیٹھنے پر ترجیح دیتے تھے۔ آپ کی شفقت حیوانات پر بھی تھی اور ساتھیوں کو جانوروں پر آزار سے منع کیا کرتے۔ ساتھیوں کو تعلیم دیتے کہ جوانمرد وہ ہے جسے کوئی دکھ دے تو وہ رنجیدہ نہ ہو اور خود کسی کو دکھ نہ دے، ایک گلی سے گزرتے ہوئے، ایک دن، دو آدمیوں کو جھگڑتے دیکھا، ایک دوسرے سے کہہ رہا تھا: اگر تو مجھے ایک کہے گا تو ہزار سنے گا۔ مولانا نے اس کی طرف منہ کیا (مخاطب کیا، توجہ دلائی) اور کہا: مجھے جو چاہے کہہ لے، اگر تو ہزار کہہ لے گا تو ایک بھی نہیں سنے گا۔ ۔۔۔۔ آپ (مولانا) کی زندگی قناعت کے ساتھ اور بارہا قرض کے ساتھ گزرتی، مگر اس اختیاری فقر کی وجہ سے کسی رنج کا نشان نہ ملتا۔ (آپ کی زندگی) سادہ،  ٹھاٹ باٹ سے اور نام و نمود سے پاک تھی۔ اہلِ خانہ کے ساتھ آپ دوستوں کی طرح رہتے۔ آپ کا لباس، غذا اور گھر کا سامان سادہ تھا۔ آپ کی غذا میں روٹی اور دہی یا بچے کھچے کھانے سے زیادہ کچھ نہ ہوتا۔ وہ زندگی سے بہ قدرِ ضرورت فائدہ اٹھاتے۔

 فارسی شاعری سے اردو ترجمہ
(۷) اس مقصد کے لئے ہم نے اقبال کی ’’پیامِ مشرق‘‘ سے ایک نظم ’’محاوہ ما بین خدا و انسان‘‘ (خدا اور انسان کا مکالمہ) اور دوسری نظم ’زندگی‘‘ کا انتخاب کیا ہے۔ ہمارا مقصد اشعار کی تشریح کرنا نہیں بلکہ اس کے سادہ اور مختصر معانی کو اردو میں رقم کرنا ہے۔پہلی نظم کے دو حصے ہیں : پہلے چھ مصرعے اقبال نے خدا کی طرف سے اور دوسرے چھ مصرعے انسان کی طرف سے ادا کئے ہیں ۔ دوسری نظم میں زندگی کا مفہوم مظاہرِ فطرت کی زبان سے بیان کیا گیا ہے۔ 
خدا
جہاں را زِ یک آب و گل آفریدم
تو ایران و تاتار و زنگ آفریدی
من از خاک پُولادِ ناب آفریدم
تو شمشیر و تیر و تفنگ آفریدی
تبر آفریدی نہالِ چمن را
قفس ساختی طائرِ نغمہ زن را
انسان
تو شب آفریدی چراغ آفریدم
سفال آفریدی ایاغ آفریدم
بیابان و کہسار و راغ آفریدی
خیابان و گلزار و باغ آفریدم
من آنم کہ از سنگ آئینہ سازم
من آنم کہ از زہر نوشینہ سازم
مباحث: زیک: (از، یک)، آفریدم: میں نے پیدا کیا، آفریدی: تو نے پیدا کیا، پولادِ ناب: فولاد، تفنگ: توپ، تبر: کلہاڑی، را: کو، کے لئے، سے، ساختی: تو نے بنایا، سفال: مٹی، ایاغ: برتن، پیالہ، راغ: خار و خس، من آنم ( من آن ہستم): میں وہ ہوں، کہ: جو، جس نے، جسے، سازم: بناؤں، بناتا ہوں، نوشینہ: پینے کی چیز، مشروب، دوائی، تریاق۔
ترجمہ: خدا کہتا ہے: میں نے تو جہان کو ایک ہی آب و گل سے پیدا کیا اور تو نے ایران، تاتار اور زنگ (نسلی اور علاقائی امتیازات) پیدا کر لئے۔ میں نے مٹی سے فولاد جیسی مفید شے پیدا کی اور تو نے تلوار، تیر اور توپ (تباہی کے سامان) بنا لئے۔ تو نے نہالِ چمن سے کلہاڑا (درخت کاٹنے کا اوزار) بنا لیا،اور (اس نہال کی شاخوں سے) گیت گانے والے پرندے کے لئے پنجرہ بنا ڈالا۔
انسان کہتا ہے: تو نے رات بنائی تو میں نے چراغ بنا لیا، تو نے مٹی بنائی اور میں نے پیالہ (کام کی شے) بنا لی۔ تو نے صحرا، کہسار، اور خار و خس پیدا کئے، میں نے (انہی کو کام میں لا کر) سڑکیں، گلزار اور باغ بنا لئے۔ میں وہ ہوں جو پتھر سے آئینہ بناتا ہوں، میں وہ ہوں جو زہر سے تریاق بنا لیتا ہوں ۔

زندگی
شبی زار نالید ابرِ بہار
کایں زندگی گریۂ پیہم است
درخشید برقِ سبک سیر و گفت
خطا کردۂٖ، خندۂ یک دم است
ندانم بہ گلشن کہ برد ایں خبر
سخن ہا میانِ گل و شبنم است
مباحث: شبی: ایک رات، زار: زار و قطار، بہت زیادہ، نالید: رویا، کایں : (کہ، ایں )، گریۂ پیہم: مسلسل رونا، درخشید: چمکی، سبک سیر: تیز دوڑنے والی، خطا کردۂٖ (خطا کردہ ای): تو نے غلطی کی، تو بھول گیا، تو نے غلط کہا، خندہ: ہنسی، ندانم(نہ دانم): مجھے نہیں معلوم، میں نہیں جانتا، کہ: کون، سخنہا: باتیں ۔

ترجمہ: ایک رات ابرِ بہار زار و قطار رویا (اور کہا) کہ یہ زندگی تو متواتر رونے کا نام ہے۔ سبک سیر بجلی چمکی اور بولی: تو نے غلط کہا! (یہ زندگی) ایک لمحے کی ہنسی ہے۔ مجھے نہیں معلوم (اس مکالمے کی) خبر گلشن میں کون لے گیا۔ پھول اور شبنم کے درمیان (اس پر) باتیں ہو رہی ہیں ۔


دوسرا حصہ
زبانِ یارِ مَن


جب ہم کسی زبان کے قواعد کی بات کرتے ہیں تو دراصل ہم موجود الفاظ سے جملے بنانے کے ساتھ ساتھ ان سے نئے الفاظ بھی حاصل کر رہے ہوتے ہیں ۔ ایسے نئے الفاظ کو ہم دو بڑے گروہوں میں تقسیم کر سکتے ہیں ۔ پہلا گروہ مشتقات کا ہے اور دوسرا مرکبات کا۔ مشتقات ایسے الفاظ ہیں جو کسی دوسرے لفظ سے مشتق ہوں ۔ جیسے مصدر سے اس کا مضارع، افعال اور افعال کے تمام صیغے، واحد سے جمع وغیرہ حاصل کرنا۔مرکبات کی دو صورتیں ہیں ایک تو معنوی سطح پر ہے جن کو ہم مرکب تام یا مرکب ناقص کے طور پر زیرِ مطالعہ لا چکے ہیں اور دوسری لفظی سطح پر ہے۔ اس سطح پر بننے والے نئے الفاظ سے نئے معانی بھی حاصل ہو سکتے ہیں تاہم زیادہ توجہ الفاظ کی ساخت اور صوتیت پر دی جاتی ہے، جسے سادہ الفاظ میں املاء اور ادائیگی کا نام بھی دیا جا سکتا ہے۔
مناسب ہے کہ فارسی کے مروج حروف ہجا اور اُن کی صوتیت کو پہلے سمجھ لیا جائے۔ اس مقصد کے لئے ہم حسبِ ضرورت اردو اور دیگر فارسی الخط زبانوں کے علاوہ رومن خط والی زبانوں سے بھی کریں گے تاکہ تفہیم میں آسانی ہو سکے ۔ صوتیت کے اعتبار سے حروف کی دو صورتیں ہیں ۔حروفِ علت اور حروفِ ناطق۔ حروفِ علت تین ہیں : الف، واؤ، اور یائے۔ ایک واوِ معدولہ ہے، ایک یائے غیر متلو ہے۔ باقی سب حروف ناطق ہیں ۔ یاد رہے کہ فارسی میں حروف مرکب اور حروف مدغم کا کوئی تصور نہیں ۔ یائے کو ی یا ے دونوں صورتوں میں لکھا جاتا ہے اور یائے معروف پڑھا جاتا ہے تا آنکہ اعراب اسے لین نہ ثابت کریں ۔ایسا ہی معاملہ واؤ کا ہے تا آنکہ وہ لین یا معدولہ ثابت نہ ہو جائے۔ (یہاں جدول الف تھا جسے غیر ضروری جانتے ہوئے حذف کر دیا گیا ہے) کچھ اشارات درجِ ذیل ہیں :
الف:متحرک ہونے کی صورت میں یہ ناطق ہوتا ہے اور صوتیت (اس پر واقع ہونے والی حرکت کے مطابق) انگریزی کےinitial vowel  مصداق ہوتی ہے۔ ساکن ہو تو یہ حرف علت ہوتا ہے اور اس سے پہلا حرف مفتوح سمجھا جاتا ہے۔ فارسی لہجے کے مطابق الف علت کی حرکت واو علت کی طرف مائل ہوتی ہے۔
واو: واوِ علت سے پہلا حرف مضموم سمجھا جاتا ہے۔ فارسی لہجے کے مطابق واوِ علت کی حرکت اردو کے واوِ مجہول اور عربی کے واوِ معروف کے بین بین ہوتی ہے۔ واوِ علت کا ماقبل مفتوح ہو تو یہ واوِ لین بن جاتا ہے۔
یائے:	یائے علت کو اس کی شکل (ی یا ے) سے قطع نظر یائے معروف پڑھا جاتا ہے، اور اگر اس کا ماقبل مفتوح ہو تو اس صورت میں یہ یائے لین بن جاتا ہے۔
ہ اور ھ: فارسی میں چونکہ مرکب حروف بھ، پھ وغیرہ نہیں ہوتے اس لئے یہ دونوں صورتیں ہائے ہوز کی ہوتی ہیں ۔ قاعدہ یہ ہے کہ ہائے مجزوم سے پہلا حرف کو مکسور ہوتا ہے،ماسوائے نَہ (نہیں )، بَہ (ساتھ) کے یا جہاں اس کے ماقبل پر بالفعل فتحہ یا ضمہ وارد ہو۔ اردو میں قاعدۂ کسرہ کی سختی سے پابندی نہیں جاتی اور اکثر مقامات پر اس کے ماقبل کو مفتوح سمجھ لیا جاتا ہے۔
واوِ معدولہ: یہ فارسی کے ساتھ خاص ہے۔اسے واو سے ممتاز کرنے کے لئے اس کے نیچے علامت کسرہ سے ملتی جلتی علامت لگا دی جاتی ہے۔ واوِ معدولہ صرف خ کے بعد آتا ہے اور وہ بھی ہر جگہ ضروری نہیں ۔ عمومیت کے لئے جان لیں کہ جہاں خو (خ و) کے فوراً بعد ا، د، ر، ش، ے میں سے کوئی حرف واقع ہو تو ایسی واو پر واوِ معدولہ کا احتمال ہوتا ہے بشرطیکہ اس طرح بننے والا لفظ فارسی الاصل ہو۔ مثلاً: خواب، خوار، خواہش، خود، خودی، خورشید،خوردہ، خوش، خوشا، خویش، وغیرہ میں واو معدولہ ہے جب کہ خوف،خوب،خون، وغیرہ میں واوِ علت ہے۔اور خواص، اخوان،خواتین، وغیرہ میں یہ واو ناطق ہے۔
یہاں تک کی بحث میں حرف اور لفظ کی بہت تکرار ہوئی ہے۔ تکرار مزید نے بچنے کے لئے مناسب ہے کہ حرف، لفظ اور کلمہ کی توضیح ہو جائے۔ حرف سے عام طور پر حرف ہجاء مراد لیا جاتا ہے،حرفوں کے ملنے سے الفاظ بنتے ہیں ۔ کلمہ وہ لفظ یا حرف ہے جس کا کوئی مفہوم بنتا ہو،اس کا متضاد مہمل کہلاتا ہے۔ فارسی میں ایک حرف پر مشتمل کلمات بھی ملتے ہیں ۔ علم صرف میں ف، ع، ل کو حرف کی بجائے کلمہ کہا جاتا ہے۔ اس حوالے سے حرف ضروری نہیں کہ اکیلا حرفِ ہجا ہو، یہ دراصل کلمات ہوتے ہیں جنہیں اصطلاحاً حرف کہا جاتا ہے اور حرفِ عطف، حرفِ جر، حرفِ اضافت وغیرہ اسی ذیل میں آتے ہیں ۔ اسم فعل اور حرف مل کر مرکبات بناتے ہیں ۔  
	کلمات کی صوتیت اور اعراب کے تعین کے لئے ان کے اصل کا معلوم ہونا از بس ضروری ہے۔ مصدر کو لے لیں ۔ مصدر اسمِ معرفہ کی وہ صورت ہے جس کے معانی میں کسی کام کا واقع ہونا (زمانے کے تعین کے بغیر) پایا جائے۔ اردو میں اس کا متقابل فعل تام اور انگریزی میں infinitive verb کہلاتا ہے۔ عمومی گفتگو میں فعل تام کو مصدر بھی کہہ دیا جاتا ہے۔ فارسی کا مصدر ایک یا ایک سے زائد کلمات پر مشتمل ہو سکتا ہے،تاہم کلیہ یہ ہے مصدر کا قافیہ ہمیشہ تَن یا دَن ہو گا۔کوئی تیسری صورت ہو ہی نہیں سکتی۔ قافیہ سے پہلے واقع ہونے والے حروف اور ان کی حرکات متعین ہیں اور اِس میں ہمیں اہل زبان کا تتبع کرنا ہو گا۔ اسی طور پر مضارع کے الفاظ بھی متعین ہیں، تاہم وہاں شرط یہ ہے کہ مضارع کا آخری حرف بہر صورت دال مجزوم ہوتا ہے اور اس سے ماقبل پر ہمیشہ زبر (فتحہ) واقع ہوتا ہے۔ مصدر کا نون ہٹا کر آخری حرف کو ساکن کرنے سے فعل ماضی حاصل ہوتا ہے۔ اردو میں فعل تام کی علامت یہ ہے کہ اس کے آخر میں ہمیشہ نا آتا ہے۔ اسی طرح انگریزی کا infinitive verb  ہمیشہ to سے شروع ہوتا ہے اور to  کے بعد verb  کی پہلی فارم آتی ہے۔ یہاں بھی ہمیں اہلِ زبان کا تتبع کرنا ہوتا ہے۔ مصدر سے حاصل ہو نے والے مشتقات کا ذکر آگے آئے گا۔ جملہ مصادر، اُن کے مضارع اور اعراب کا احاطہ اس مضمون میں قطعاً ممکن نہیں ۔


جدول ب: نمونے کے چند مصادر، مضارع اور ان کا تلفظ

مصدر
تلفظ
اردو مصدر
infinitive verb
مضارع
تلفظ
فعل ماضی
آمدن
آ مَ دَن
آنا
to come
آید
آ یَد
آمد
گفتن
گُف تَن
کہنا
to say
گوید
گو یَد
گُفت
شستن
شُس تَن
دھونا
to wash
شوید
شو یَد
شُسْت
نمودن
نَمُو دَن
دکھانا
to show
نماید
نُ ما یَد
نمود
رُستن
رُس تَن
اُگنا
to grow
روید
رُو یَد
رُست
کردن
کَر دَن
کرنا
to do
کند
کُ نَد
کرد
گرفتن
گَ رِف تَن
پکڑنا
to catch
گیرد
گی رَد
گرفت
شنیدن
شُ نی دَن
سُننا
to hear
شنود
شُن وَد
شنید
آوردن
آ وُر دَن
لانا
to bring
آرد
آ رَد
آوُرد
دیدن
دی دَن
دیکھنا
to see
بیند
بی نَد
دید
دویدن
دَ وِی دَن
دوڑنا
to run
دود
دَ وَد
دَوِید
نوشتن
نَ وِش تَن
لکھنا
to write
نویسد
نَ وِی سَد
نَوِشت
خندیدن
خَن دی دَن
ہنسنا
to laugh
خندد
خَن دَد
خندید
ساختن
سا خْ تَن
بنانا
to make
سازد
سا زَد
ساخْت
برخاستن
بَر خا سْ تَن
اُٹھنا
to stand up
برخیزد
بَر خے زَد
برخاسْت
شناختن
شَ نا خْ تَن
پہچاننا
to recognize
شناسد
شَ نا سَد
شناخْت
انگیختن
اَن گے خْ ت
ابھارنا
to arouse
انگیزد
اَن گے زَد
اَنگیخْت
گریستن
گری سْ تَن
رونا
to weep
گرید
گِر یَد
گریسْت
داشتن
دا شْ تَن
رکھنا
to keep
دارد
دا رَد
داشْت
خواندن
خا نْ دَن
پڑھنا
to read
خواند
خا نَد
خوانْد
بردن
بُر دَن
لے جانا
to take
برد
بَ رَد
بُرْد
بودن
بُو دَن
ہونا
to be
بود
بَ وَد
بو ُد

۱۔ اس جدول میں درج آخری تین مصادر (خواندن،بردن، بودن) کے مضارع اور فعل ماضی اعراب نہ لگے ہونے کی صورت میں یکساں نظر آتے ہیں ۔ عام طور پر اعراب لگائے نہیں جاتے اور قواعد سے نابلد قاری مغالطے کا شکار ہو جاتا ہے۔بالفاظِ دیگر: تقریباً جملہ مشتقات کے اعراب اور تلفظ کا فیصلہ قواعد کرتے ہیں، اور ان اعراب میں تبدیلی بھی کسی نہ کسی قاعدے کے تحت ہوتی ہے۔ مختلف لہجوں اور اسالیب کی وجہ سے التباس البتہ پیدا ہو جاتا ہے، جس کا بہترین حل مطالعہ ہے۔ قاعدے کی تفہیم کے لئے ہم ان تینوں مصادر کے مذکورہ مشتقات کا تجزیہ کرتے ہیں : (۱) خواندن کا آخری ن ہٹا دیں، اُس سے پہلا حرف ازخودساکن ہو جائے گا، اس طرح فعل ماضی خوانْد حاصل ہوتا ہے۔ جس کا تلفظ خانْد ہے ( خ کے بعد واوِ معدولہ ہے)۔ مضارع متعین ہے جس کے کلمہ ماقبل د (اس مضارع میں ن) پر قاعدے کے مطابق زبر آتا ہے اور علامتِ  مضارع ( د) پر جزم۔ لہٰذا یہاں مضارع کا متن خوانَدْ ہے۔ (۲) بُردَن کا ن ہٹانے سے بُرد باقی بچا جو فعل ماضی ہے، مضارع بَرَدْ مذکورہ بالا شرائط پر پورا اترتا ہے۔ (۳) اسی قیاس اور قاعدے کے مطابق مصدر بُودَن کا فعل ماضی  بُوْد اور مضارع بَوَدْ حاصل ہوتا ہے۔
۲۔ کچھ مصادر (ساختن برخاستن شناختن انگیختن گریستن داشتن) میں قافیہ تَن سے فوراً پہلے واقع ہونے والا حرف (جو عام طور پر خ، س، ش ہوتا ہے) ساکن مگر غیر مجزوم ہے۔مصدر اور فعل ماضی کے تلفظ کے کالموں میں ہم نے ایسے حروف پر ایک چھوٹا سا دائرہ بنا دیا ہے۔ جو ظاہر کرتا ہے کہ ان کلمات کی قرأت میں اس خ، س، ش کو ہم نہ تو اس کے ماقبل سے ملا سکتے ہیں اور نہ مابعد سے۔ یہاں مصدر اور فعل ماضی کا تلفظ بالترتیب یوں ہو گا: سا خ تَن اور ساخ ت، بَر خا س تَن اور بَر خا س ت، شَ نا خ تَن اور شَ نا خ ت، اَن گے خ تَن اور اَن گے خ ت، گَ رِی س تَن اور گَ رِی س ت، دا ش تَن اور دا ش ت۔ بے شمار مصادر ایسے مزید ہیں مثلاً: فروختن (بیچنا) فروخت، اندوختن (سمیٹنا) اندوخت، سوختن (جلانا) سوخت وغیرہ۔ ایسے کلمات کی ادائیگی توجہ طلب ہوا کرتی ہے۔ان کو ساخَت، برخاسَت، شناخَت، انگیخَت، گریسَت، داشَت، فروخَت، اندوخَت، سوخَت پڑھنا غلط ہے۔
۳۔ مصادر آمدن،گفتن،شستن،نمودن،رُستن کے مضارع (آید، گوید، شوید، نماید، روید) میں علامت مضارع سے پہلے ی آتا ہے جسے بسا اوقات ہمزہ مکسور سے بدل دیتے ہیں (آئد،گوئد، شوئد، نمائد، روئد) اور اسے درست سمجھا جاتا ہے۔ 
مضارع سے علامتِ مضارع (د) ہٹا دیں تو فعل امر کا صیغہ واحد حاضر حاصل ہوتا ہے، اور یہی کلمہ اسم فاعل کا معنیٰ بھی دیتا ہے۔ بسا اوقات فعل امر سے پہلے بَ کا اضافہ کرتے ہیں، یوں وہ اسمِ فاعل سے ممتاز ہو جاتا ہے۔ اہلِ زبان مضارع پر بَ داخل کر کے مضارع تاکیدی بناتے ہیں ۔ 

جدول  ج : یائے غیر متلو (یائے مستور) 
 درجِ ذیل مصادر اور ان کے مشتقات کا بغور مطالعہ کیجئے:
مصدر
مضارع
اسمِ فاعل
فعل امر (صیغہ واحد حاضر)
مضارع تاکیدی
 نوشتن (لکھنا)
نویسد (لکھے)
نویس (لکھنے والا)
نویس، بنویس (لِکھ)
بنویسد (لکھے)
نوشیدن (پینا)
نوشد (پئے)
نوش (پینے والا)
نوش، بنوش (پی)
بنوشد (پیوے)
رفتن (جانا)
رَوَد (جائے)
رَو (جانے والا)
رَو، برَو (جا)
بَرَوَدْ ( جاوے)
آموختن (سِکھانا)
آموزد (سِکھائے)
آموز (سِکھانے والا)
آموز، بیاموز (سِکھا)
بیاموزد (سِکھاوے)

ان کے مقابلے میں درج ذیل فہرست ملاحظہ کیجئے اور فرق دیکھئے:

مصدر
مضارع
اسمِ فاعل
فعل امر (صیغہ واحد حاضر)
مضارع تاکیدی
آمدن (آنا)
آید
آ (آنے والا)
آ، بیا (آ)
بیاید (آوے)
آسُودن (آرام دینا)
آساید
آسا (آرام دینے والا)
آسا،بیاسا (آرام دے)
بیاساید (آرام دیوے)
گفتن (کہنا)
گوید
گو (کہنے والا)
گو، بگو (کہہ)
بگوید (کہے)
شُستن (دھونا)
شوید
شُو (دھونے والا)
شُو، بشو ( دھو)
بشوید (دھووے)
نمودن (دکھانا)
نماید
نما (دکھانے والا)
نما، بنما(دکھا)
بنماید ( دکھاوے)
رُستن (اُگنا)
رُوید
رُو (اُگنے والا)
رُو، بَرُو (اُگ)
بَرُوْیَد (اُگے)

۱۔ آموز، آموزد، آ، اور آمد پر جب بَ تاکیدی داخل ہوا تو یہاں ی کیونکر پیدا ہو گیا؟ ہوا یوں ہے کہ: الف ممدودہ (آ) جسے عرف عام میں الف مدّہ کہا جاتا ہے، عربی میں ہمزہ اور الف کا مجموعہ ہے۔ جب کہ فارسی اور اردو میں یہ دو(۲) الف کا مجموعہ مان لیا گیا ہے، صوتی اصل اس کی وہی ہے ۔ اس سے قبل بَ شامل ہونے سے لفظ کے اتنے حصے کا تلفظ بآ ہوتا جو خاصا مشکل ہے۔ اہلِ زبان نے ہمزہ کی جگہ کی آواز رکھ کر اسے آسان کر لیا، اور املاء میں بھی ہمزہ کی جگہ ی نے لے لی۔ اسے یائے غیر متلو پر محمول نہ کیا جائے، اس کا قاعدہ آگے آتا ہے۔ متعدد الفاظ ایسے بھی موجود ہیں (عربی اور فارسی دونوں زبانوں میں ) جہاں ایک متحرک حرف کے فوراً بعد ہمزہ (یا اس کا قائم مقام الف) متحرک آتے ہیں، مثلاً: مآل (نتیجہ)، قاآنی یا قآنی(ایک ایرانی قبیلہ)، کَآن (کہ + آن)، کَاِین (کہ + این)، وغیرہ۔ کآن، کاین کو کان اور کِین بھی لکھتے اور بولتے ہیں جبکہ معنیٰ یہی رہتا ہے۔ 
۲۔ اس جدول کی دوسری فہرست میں شامل مضارع یہ ہیں : آید، آساید، گوید، شوید، نماید، رُوید۔قاعدے کے مطابق فعل امر یا اسم فاعل بنانے کے لئے علامت مضارع (د) کو ہٹایا جائے تو بقیہ الفاظ کی املا بالترتیب آی، آسای، گوی، شُوی، نمای، رُوی بچتی ہے جس میں شامل ی اپنے ماقبل سے جڑی ہوئی نہیں ہے۔ اہل زبان ایسی ی کو ادا نہیں کرتے اور بسا اوقات لکھتے بھی نہیں ۔ اس کو یائے غیر متلو  کہتے ہیں (غیر متلو: جس کی تلاوت یا ادائیگی نہ کی جائے،(اس کو یائے مستور بھی کہتے ہیں : یائے مستور جہاں پڑھا جائے گا، ’’متلو ‘‘ کہلائے گا  اور جہاں نہیں پڑھا جائے گا ’’غیر متلو‘‘ کہلائے گا)۔ ایک عام قاعدہ یہ بھی ہے کہ کسی کلمہ کا آخری حرف الف علت یا واو علت ہو تو وہاں یائے غیرمستور کا ہونا تسلیم کر لیا جاتا ہے۔اس سے نہ معانی میں فرق پڑتا ہے اور نہ قواعد میں ۔ کیونکہ یائے غیر متلو اپنی اصل میں قائم رہتی ہے اور جب کہیں ایسے کلمے کو متحرک کرنا مقصود ہو(جمع، مرکب اضافی،مرکب توصیفی وغیرہ بنانے کے لئے) تو حرکت اس یائے غیر متلو پر واقع ہوتی ہے اور اِسے متلو  بنا دیتی ہے۔ مزید یہ کہ اگر ایسی یائے متلو پر کسرہ واقع ہو تو اسے ئے سے بدل دیتے ہیں ۔ مرکب عطفی کی صورت میں بالعموم یہ غیر متلو رہتی ہے۔ مثال کے طور پر:

کلمہ	مرکب،جمع وغیرہ
خدا	خدایان، خدائے بزرگ، خدا و اِنسان
گو	قصہ گویان، قصہ گوئے معروف،یاوہ گوئی
آسا	دل آسایان، دل آسائے کودکان
رُو	خوب رُویان،رُوئے سخن
ادا	ادائے ناز،خوش ادایانِ دشت، کج ادائی
نوا	خوش نوایانِ چمن، نوائے سروش
بو	بوئے گل، خوشبویات
سرا	نغمہ سرایان، نوا سرائے صحرا، نوحہ سرائی

خدائے بزرگ،قصہ گوئے معروف، دل آسائے کودکان، روئے سخن، ادائے ناز، نوائے سروش، بوئے گل، نوا سرائے صحرا، کا حقیقی تلفظ خدایِ بزرگ،قصہ گویِ معروف، دل آسایِ کودکان، رویِ سخن، ادایِ ناز، نوایِ سروش، بویِ گل، نوا سرایِ صحرا تھاجسے آسانی کے لئے مذکورہ بالا املاء اور تلفظ دے دیا گیا۔
اردو اور فارسی کے تلفظ میں ایک نمایاں فرق کسی کلمہ کے آخر میں آنے والی ہائے ہوز کے معاملہ میں واقع ہوا ہے۔ بچہ، شگوفہ، آبلہ، سلسلہ، واقعہ، اور ایسے کلمات کو ادا کرتے ہوئے، ہم بلا تفریق حرف ما قبل ہائے ہوز کو مفتوح پڑھتے ہیں، یعنی: بچَّہ، آبلَہ، سلسلَہ، شگوفَہ، واقعَہ، و علیٰ ہٰذاالقیاس۔ اہلِ زبان کے ہاں ایسا نہیں، وہ حرف ماقبل ہائے ہوز کو مکسور پڑھتے ہیں یعنی: بچِّہ، آبلِہ، شگوفِہ۔ یاد رہے کہ واقعہ اور سلسلہ عربی الاصل کلمات ہیں ۔ ان کے علاوہ بھی کچھ مستثنیات بھی ہیں، جیسے:نہَ (نہیں )، نہُ (نو، nine)، دَہ (دس، ten ) وغیرہ۔ ایک دل چسپ مثال دیکھئے: کَہ (کاہ: گھاس) کُہ (کوہ: پہاڑ) کِہ (چھوٹا)؛ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لازمی نہیں کہ ہائے ہوز پر ختم ہونے والے ہر لفظ کا ماقبل ہاے مکسور ہو گا۔ یاے کو،جیسا کہ پہلے بتایا جا چکا ہے، ی اور ے دونوں طرح لکھتے ہیں اور یائے مجہول کی ادائیگی بھی کم و پیش یائے معروف کی طرح کرتے ہیں ۔ واوِ مجہول کی ادائیگی قریب قریب واوِ معروف کی طرح کی جاتی ہے۔ مرکب کلمات پر اسباقِ فارسی میں بحث ہو چکی ہے۔
املائ، اعراب اور قرأت کی بہت زیادہ مثالیں دینے کی بجائے ہم نے اس مضمون میں کلمات کی تشکیل و تشقیق کو اہمیت دی ہے اور ایسے قواعد بیان کر دئے ہیں، جو اعراب کے تعین میں نمایاں اثر رکھتے ہیں ۔حاصلِ بحث یہ ہے کہ اعراب اور قرأت کا انحصار بنیادی طور پر تو قواعد پر ہے۔ علاقائی اور مقامی لہجوں اور کسی کلمے کے ایک زبان سے دوسری زبان میں داخل ہونے کے عمل میں کسی نہ کسی سطح پر فرق یا تبدیلی واقع ہو سکتی ہے۔ ایسی تبدیلیوں پر مباحث کے لئے الگ مضمون درکار ہے۔ 
٭٭٭

فائل کی فراہمی کے لئے مصنف کے تشکر کے ساتھ
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
