﻿ 



زنجیر بولتی ہے




سرور ارمان







انتساب 


ان لاتعداد بچوں کے نام جن کے کاندھوں پر بستوں کی بجائے بوٹ پالش کی صندوقچیاں اور جن کے ہاتھوں میں کتابوں کی جگہ ہوٹلوں اور چائے خانوں کے برتن ہیں

سرور ارمان
ڈپٹی ایڈیٹر ہفت روزہ پائلٹ آئینہ لاہور
مدیر ادبی سلسلہ ’زربفت، نارووال
برائے رابطہ:
0301-6360741
sarwararman2009@yahoo.com
٭	ہفت روزہ پائلٹ آئینہ
	خالد ایجوکیشنل سینٹر۔40اردو بازار لاہور



تخلیقی سفر


۱۔ 	سرابِ مسلسل		(شعری مجموعہ)
۲۔	زنجیر بولتی ہے		(شعری مجموعہ)
۳۔	تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو	(انتخاب)
۴۔ 	وہی آبلے مرے پاؤں کے	(شعری مجموعہ)
زیرِ طبع کتب:
۵۔ 	عارف عبدالمتین 		(فن اور شخصیت)
۶۔ 	مرے مہرباں مرے ہم نشیں 	(مضامین)
۷۔ 	صریرِ خامہ			(کالموں کا مجموعہ)


ہم تو موجود تھے راتوں میں اجالوں کی طرح
لوگ نکلے ہی نہیں ڈھونڈنے والوں کی طرح
جانے کیوں وقت بھی آنکھیں بھی قلم بھی لب بھی
آج خاموش ہیں گزرے ہوئے سالوں کی طرح
حاجتیں زیست کو گھیرے میں لیے رکھتی ہیں
خستہ دیوار سے چمٹے ہوئے جالوں کی طرح
رات بھیگی تو سسکتی ہوئی خاموشی سے
آسماں پھوٹ پڑا جسم کے چھالوں کی طرح
گرد آلود سے ہیں رنگ تمناؤں کے
طاق پر رکھے ہوئے چند رسالوں کی طرح
ساری راہیں، سبھی سوچیں، سبھی باتیں سبھی خواب
کیوں ہیں تاریخ کے بے ربط حوالوں کی طرح
زندگی خشک ہے، ویران ہے، افسردہ ہے
ایک مزدور کے بکھرے ہوئے بالوں کی طرح
زخم پہنے ہوئے معصوم بھکاری بچے
صفحۂ دہر پہ بکھرے ہیں سوالوں کی طرح
٭٭٭




آج پھر آنکھوں ہی آنکھوں میں سحر ہو جائے گی
زندگی شاید اسی ڈھب سے بسر ہو جائے گی
لوگ اس انداز سے پتھر اگر پھینکا کیے
رفتہ رفتہ ٹہنی ٹہنی بے ثمر ہو جائے گی
جذبۂ ایثار میں شدت تو پیدا کیجیے
بوند جو ٹپکے گی پلکوں سے گہر ہو جائے گی
ختم ہو جائے گا جس دن لفظ و معنی کا تضاد
میرا دعویٰ ہے کہ تکمیلِ بشر ہو جائے گی
دل سے نکلی ہے دعا طوفاں بپا کرتی ہوئی
آسماں تک جاتے جاتے بے اثر ہو جائے گی
اک سمندر موجزن ہے پھر پسِ دیوارِ ضبط
دل کی بستی ایک دن زیر و زبر ہو جائے گی
روشنی آواز دے گی اس گھڑی شاید ہمیں
تیرگی جس دم لباسِ بام و در ہو جائے گی
٭٭٭



احتساب


یہ سطحِ آپ کہ پتھر کے انتظار میں تھی
حیات پھر کسی محشر کے انتظار میں تھی
زمانہ عشق کے دستور بھول بیٹھا تھا
زمینِ کفر پیمبر کے انتظار میں تھی
ہوئی ہے کعبۂ عالم میں منتقل جیسے
یہ سجدہ گاہ مرے سر کے انتظار میں تھی

جو میں نے حرفِ بغاوت کا ارتکاب کیا
مرے غنیم نے یوں میرا احتساب کیا
مجھے نکال کے میرے غریب خانے کا
ہر ایک ذرۂ ناچیز آفتاب کیا
پڑی لہو کی ضرورت جو قتل گاہوں کو
خدائے وقت نے میرا ہی انتخاب کیا


ترے کرم کا خزانہ ملا ہوا ہے مجھے
ان آندھیوں میں ٹھکانہ ملا ہوا ہے مجھے
نہ چھین مجھ سے مرے انتظار کی گھڑیاں
کہ زندگی کا بہانہ ملا ہوا ہے مجھے
٭٭٭



پتھروں کا تذکرہ ہے آئنوں کی بات ہے
دائرہ در دائرہ کچھ سلسلوں کی بات ہے
ہم کہ گہرے پانیوں میں برسرِپیکار تھے
اور وہ ساحل پہ لرزاں حوصلوں کی بات ہے
زہر بے ترتیبیِ انفاس کا جن میں گھلا
ذہن میں چبھتی ہوئی ان ساعتوں کی بات ہے
کل جو تھا دستِ عطا وہ آج ہے دستِ طلب
زیست کے بنتے بگڑتے زائچوں کی بات ہے
دلہنیں ماتم کناں، شہنائیاں خاموش ہیں
پھول ہیں خارِ رگِ جاں موسموں کی بات ہے
دور ہوتی جا رہی ہیں منزلیں کچھ اور بھی
آبلہ پائی سے کہہ دو راستوں کی بات ہے
ہے ازل سے آدمیت نوکِ استبداد پر
آدمیت پر مسلط ضابطوں کی بات ہے
٭٭٭




ہمیں لاحق جو اک بے نام سا غم ہے عجب غم ہے
تبسم زیرِ لب ہے آنکھ پرنم ہے عجب غم ہے
بظاہر روشنی ہے، زندگی ہے، دلنوازی ہے
درونِ خانۂ دل شورِ ماتم ہے عجب غم ہے
ابھی تک جستجو ہے تشنہ کامِ قربتِ منزل
ابھی تک گردشِ حالات برہم ہے عجب غم ہے
زباں پر ہی یقیں کر لے کہ آنکھوں میں کوئی جھانکے
یہ کس ماحول میں اٹکا ہوا دم ہے عجب غم ہے
شکستِ آرزو نے کر دیا عالم تہ و بالا
کہ اب عالم میں اک محشر کا عالم ہے عجب غم ہے
وہی خنجر بکف ہے، دشمنِ جاں ہے، ستمگر ہے
وہی ہر زخم کا اکسیر مرہم ہے عجب غم ہے
جہانِ رنگ و بو سے کٹ گئے احساس کے رشتے
ابھی اس کی نظر میں یہ سزا کم ہے عجب غم ہے
٭٭٭


مسافروں کی خطا بھی شامل ہے رہنماؤں کے فیصلوں میں
یہ کیا کہ تقسیم ہو رہے ہیں بھرم اناؤں کے کرچیوں میں
وہ جا کے شہروں میں کھو گئے ہیں بہار لینے گئے تھے گھر سے
خوشی کی بیلیں کہاں پھلیں گی غریب گاؤں کے آنگنوں میں
سمجھ کے سایہ گھنے شجر کا جو تھک کے بیٹھے ہیں چند لمحے
تو چبھ گئے ہیں کچھ اور کانٹے شکستہ پاؤں کے آبلوں میں
کبھی جو مایوس کر دیا ہے ہوائے دوراں نے زندگی سے
پناہ بیٹوں کو مل گئی ہے شفیق ماؤں کے بازوؤں میں
یہی ہوائیں اڑائیں آنچل، بکھیریں زلفیں، کھلائیں گلشن
ہماری بستی اجڑ گئی ہے انہی ہواؤں کے سلسلوں میں
سیاہی راتوں کی روشنی میں بدل تو سکتی ہے اے رفیقو!
جلانے پڑتے ہیں خونِ دل سے دیے وفاؤں کے آندھیوں میں
یہ اپنے بے جان جسم لے کر، یہ اپنے مفلوج ذہن لے کر
بھٹکنا ہوگا نہ جانے کب تک ہمیں خلاؤں کے دائروں میں
ہم اپنے لفظوں کی سرد لاشیں سجائے پھرتے ہیں کاغذوں پر
کہ دب گئے ہیں لطیف جذبے نئے خداؤں کے قہقہوں میں
٭٭٭


استحقاق

تمہیں شکایت رہی یہ ہم سے
کہ ہم تمہارے لبوں پہ ٹھہرے
نظر میں سمٹے ہوئے سوالوں سے
کیوں گریزاں رہے ہمیشہ
تمہارے جذبے
ہماری ان بے نیازیوں سے ہزار الجھے
مگر سدانامراد ٹھہرے
ہم اتنے انجان بھی نہیں تھے
مگر تمہاری خموشیوں کی زباں نہ سمجھے
زمین پر جھک رہا تھا اک آسماں نہ سمجھے
تمہارا شکوہ بجا ہے لیکن ہمیں یہ دکھ ہے
یہی شکایت ہمیں بھی تم سے رہی ہمیشہ
مگر تمہاری طرح ہمیں دل کی حسرتوں کو
زباں پہ لانے کا حق نہیں تھا
٭٭٭


تلخیص کے بدن میں تفسیر بولتی ہے
تکمیلِ آرزو میں تدبیر بولتی ہے
یہ معجزہ بھی دیکھا ہم نے کمالِ فن کا
چپ ہو اگر مصور تصویر بولتی ہے
تزئینِ انجمن کے ہم نے جو خواب دیکھے
اب کرچیوں میں ان کی تعبیر بولتی ہے
وہ لب کشا ہو جس دم لگتا ہے ہر کسی کو
ہر لفظ میں اسی کی تقدیر بولتی ہے
بنتا ہے مفلسوں کا وہ غمگسار لیکن
اندازِ گفتگو میں جاگیر بولتی ہے
جذبوں پہ لاکھ کوئی پابندیاں لگا دے
اظہار میں انہی کی تاثیر بولتی ہے
خاموش ہیں قفس کے دیوار و در تو کیا ہے
ٹکرا کے ہر قدم سے زنجیر بولتی ہے
جب آگہی کا اژدر ڈستا ہے آدمی کو
مفہوم ناچتے ہیں تحریر بولتی ہے
٭٭٭




قربتیں نہ بن پائے فاصلے سمٹ کر بھی
ہم کہ اجنبی ٹھہرے آپ سے لپٹ کر بھی
حادثوں نے ہر صورت اپنی زد میں رکھنا تھا
ہم نے چل کے دیکھا ہے راستے سے ہٹ کر بھی
آگہی کی منزل سے لوٹ جائیں ہم کیسے
اس جگہ نہیں جائز دیکھنا پلٹ کر بھی
ہم نے لاکھ سمجھایا دل مگر نہیں مانا
مطمئن سا لگتا ہے کرچیوں میں بٹ کر بھی
دشتِ دل سے جو اٹھا، ہو کے صورتِ شبنم
رہ گیا ہے پلکوں پر وہ غبار چھٹ کر بھی
پتھروں کے طوفاں میں دل نما گھروندوں نے
آزما لیا آخر خود کو آج ڈٹ کر بھی
دائروں کے راہی تھے منزلیں کہاں ملتیں
بے مراد ہیں پاؤں گردِ رہ سے اَٹ کر بھی
٭٭٭



بے نام رشتہ



پرانی بات ہے اس شہر میں اک شخص رہتا تھا
کبھی ہم اس سے مل لیتے کبھی وہ ہم سے مل لیتا
کبھی ہم منتظر رہتے کبھی وہ منتظر رہتا
تعلق واجبی سا تھا رفاقت عارضی سی تھی
منانے روٹھ جانے کی کبھی نوبت نہیں آئی
ملاقاتوں میں اکثر چشم و لب خاموش رہتے تھے
اگرچہ سوچ کی حد تک بہت پرواز کرتے تھے
مگر اک دوسرے کا ہم سفر ہونے سے ڈرتے تھے
تعجب ہے کہ ملنے پرنہ جس سے بات ہوتی تھی
اسے بچھڑے ہوئے جبکہ زمانے ہو گئے لیکن
وہ اب بھی یاد آ جائے
تو پیچھے کی طرف مڑ کر جو ہم دیکھیں
تو اپنی ذات یوں بکھری ہوئی راہوں میں ملتی ہے
ہزاروں کوششوں سے وہ اگر یکجا بھی ہو جائے
بدل جاتے ہیں اکثر اس طرح اجزائے ترکیبی
کہ ہم سے خود بھی اپنا آپ پہچانا نہیں جانا
٭٭٭




بھیگی ہوئی ہے رات چلو جاگتے رہیں
کم ہو غمِ حیات چلو جاگتے رہیں
پھر کون طے کرے گا اگر ہم ہی سو گئے
دل کے معاملات چلو جاگتے رہیں
رسنے لگے ہیں زخم چلو دیکھتے رہیں
بڑھنے لگی ہے بات چلو جاگتے رہیں
ہم ارتقائے زیست کے قائل ہیں اس لیے
کم ہو نہ کربِ ذات چلو جاگتے رہیں
کچھ اور جدتوں کی طلب گار ہے ابھی
تصویرِ کائنات چلو جاگتے رہیں
خوابوں کی رہگذر میں تمنا کے شہر میں
پلتے ہیں حادثات چلو جاگتے رہیں
تاریکیوں سے، خوف سے، زنداں سے، حبس سے
مل جائے گی نجات چلو جاگتے رہیں
٭٭٭



خواب


صبحِ امید کا خواب بنتے ہوئے
ہم نے راتوں کی پرہول خاموشیوں میں
سسکتی ہوئی خواہشوں کا تماشہ کیا
رہگذارِ تمنا میں بکھرے ہوئے
خار چنتے ہوئے
ریشمی انگلیوں سے ٹپکتے ہوئے
سرخ قطروں کو خاموش دیکھا کیے
صبحِ امید کا خواب بنتے ہوئے
پلکیں نم بھی ہوئیں
اور تاریخِ عالم کے اوراق پر
رہروانِ محبت کے ایثار کی
داستانیں لہو سے رقم بھی ہوئیں
دشمنوں کے ستم کی تو کیا بات تھی
دوستوں اور اپنوں کے ہاتھوں
برستے ہوئے تازیانے
بدن کی زمیں پر طلوعِ سحر کا
ضیاء بار نقشہ بناتے رہے
اور ہم آج بھی
آرزوؤں کے سورج کی دہلیز پر
پا برہنہ کھڑے
زخمی ہاتھوں سے در کھٹکھٹاتے ہوئے
صبحِ امید کا
دل نشیں خواب بنتے میں مصروف ہیں
٭٭٭



کھیلتی ہے مسکراہٹ بے لہو ہونٹوں کے ساتھ
اتنی ہمدردی بھی کیا مسلے ہوئے پھولوں کے ساتھ
اب تری قدرت میں بھی میرا علاجِ غم نہیں
ہو چکا ہے اس قدر مانوس دل زخموں کے ساتھ
لاکھ کترا کر گزر جائے خرامِ ناز سے
ایک رشتہ ہے مگر اس کا مرے خوابوں کے ساتھ
جانے کتنی دلہنوں کی مانگ اجڑی ہے یہاں
جانے کیا گزری ہے اَن چھوئی تمناؤں کے ساتھ
میرا فن پروردۂ سنگینیِ  حالات ہے
اس کو نفرت ہے مرے غم آشنا گیتوں کے ساتھ
آگئی ہے روح تک تاثیر زہرِ کرب کی
اب مجھے کیا دیکھتے ہو نیم باز آنکھوں کے ساتھ
ہو گیا آباد ویرانہ کسی خوش بخت کا
بھر گیا دامن کسی کا آج انگاروں کے ساتھ
پوچھتے ہیں لوگ میرے گھر میں اکثر رات کو
کون محوِ گفتگو ہوتا ہے دیواروں کے ساتھ	٭٭٭



درمیاں گرچہ تضادات کا امکان بھی ہے
میں ترا عکس بھی ہوں تو مری پہچان بھی ہے
وقت سینے میں جو پیوست ہے خنجر کی طرح
آنکھ میں تیرتے خوابوں کا نگہبان بھی ہے
قرب چھن جائے تو شمعوں کو نہ بجھنے دیجے
ہجر گر روگ ہے سینے کا تو مہمان بھی ہے
شام کے سرمئی آنچل میں جدائی ہی نہیں
تیری مہکی ہوئی یادوں کا پرستان بھی ہے
صرف حالات نہیں ترکِ تعلق کا سبب
اس میں کچھ حلقۂ  احباب کا احسان بھی ہے
حرمتِ گل کے خریدار یہ دھیاں میں رکھیں
اس تجارت میں کسی چیز کا نقصان بھی ہے
تیری ہر بات اگر حکمِ خداوندی ہے
یہ خموشی مرے انکار کا اعلان بھی ہے
٭٭٭



سکوتِ شب میں یہ کون چیخا؟

سکوتِ شب میں یہ کون چیخا
کہ ساری بستی لرز اٹھی ہے
عجیب ہلچل سی مچ گئی ہے
اداس، تاریک آنگنوں میں
چراغ سے ٹمٹما اٹھے ہیں
مکیں گھروں سے نکل نکل کر
سب ایک دوجے سے پوچھتے ہیں
سکوتِ شب میں یہ کون چیخا
ہر اک نظر میں ہے اک تجسس
ہر ایک چہرہ ہے زرد ایسے
کہ جیسے برگِ خزاں رسیدہ
سوال سب کی زبان پر ہے
مگر کسی میں
جواب دینے کا حوصلہ ہی نہیں ہے جیسے
عجب سماں ہے
کہ ساری بستی کے لوگ جانے
دلوں میں کیسی کسک چھپائے
پلٹ پڑے ہیں گھروں کی جانب
کسی کے منہ میں زباں نہیں ہے
کسی جبیں پر چمک نہیں ہے
کسی بدن میں لہو نہیں ہے
سبھی نے اپنے گھروں میں جا کر
کواڑ جلدی سے بند کر کے
وہ ٹمٹماتے چراغ پھر سے بجھا دئیے ہیں
گھروں کے اندر
وہ سہمے سہمے نحیف بچے
کہ جو سراپا سوال بن کر
اداس ماؤں کو دیکھتے تھے
کبھی خلاؤں میں گھورتے تھے
تھپک تھپک کر سلا دئیے ہیں
٭٭٭




نوحہ  کناں ہے اب کے عروسِ بہار بھی
قبروں پہ سوکھ جائیں گے پھولوں کے ہار بھی
مل جائے چین روحِ اذیت پسند کو
آ اے شبِ فراق ہمیں اب گزار بھی
حالات آ گئے ہیں ہمیں لے کے اس جگہ
اٹھنے لگا ہے ہم سے ترا اعتبار بھی
صحراؤں کی مسافتیں اور اس پہ مستزاد
ملتا نہیں درخت کوئی سایہ دار بھی
اب شہر میں ہے اہلِ تجارت کو دستیاب 
راتوں کی آبرو بھی، سحر کا وقار بھی
شمشیر زن تھا کوئی تو کوئی کماں بدست
کوئے رقیب میں بھی، سرِ بزمِ یار بھی
٭٭٭



بچوں کے عالمی دن کے موقع پر


زرد رتوں میں
ہریالی کے خواب سجانے لگتے ہیں
یہ جو گیلی ریت کے اندر
اپنے نازک پیر دبائے
محل بنانے لگتے ہیں
دور افتادہ منزل کو
چپکے چپکے پاس بلانے لگتے ہیں
کاش کوئی ان کو سمجھائے
سورج کو تاریک گھروں کے
اندر تک آ جانے میں
روشنیاں پھیلانے میں
زیست کی الجھی الجھی سی
زلفوں کو سلجھانے میں
ایک زمانہ لگتا ہے
لیکن یہ معصوم فرشتے
اہلِ ثروت، اہلِ دانش
اہلِ منصب لوگوں کے
کل کے جھوٹے وعدوں سے
مستقبل کے خوابوں سے
دل آویز سرابوں سے
مہکے نرم گلابوں سے
رنگ آمیز اجالوں سے
بے ترتیب خیالوں سے
جی بہلانے لگتے ہیں
زرد رتوں میں ہریالی کے
خواب سجانے لگتے ہیں
٭٭٭




اس لیے عائد رہیں پابندیاں تنقید پر
لوگ آمادہ نہ ہوں سچائی کی تائید پر
ہو گیا قانون اس کی جنبشِ ابرو کا نام
اور ہم بیٹھے رہے انصاف کی امید پر
٭٭٭



یہ آدھی رات کو بستی میں شور کیسا ہے
سبک خرام ہواؤں میں زور کیسا ہے
درِ قفس کی طرف دیکھنے نہیں دیتا
یہ خوشبوؤں کا محافظ کٹھور کیسا ہے
ہر آدمی اسے دشمن دکھائی دیتا ہے
رئیسِ شہر کے دل میں یہ چور کیسا ہے
یہ آج چاند کے دامن میں آگ کیسی ہے
یہ آفتاب کا خوگر چکور کیسا ہے
جو ہم نے اس کو پلایا تھا خون اصلی تھا
پھر اس زمین کے سینے پہ تھور کیسا ہے
٭٭٭


ماں کی دعا


میں اپنی ماں کا شہزادہ 
جب دیر گئے تک سوتا ہوں
ہر صبح مری ماں چپکے سے 
ہر روز مری پیشانی پر
ممتا کی مہر لگاتی ہے
جینے کا سبق سکھلاتی ہے
عظمت کا راز بتاتی ہے
محنت پہ مجھے اکساتی ہے
میں کوہ کنی کا عزم لیے
جب گھر سے نکلنے لگتا ہوں
تو پھر دروازے پر آ کر
اشکوں کے ہار پروتی ہے
پھر پیار سے مجھ کو کہتی ہے
جا بیٹا! دور بلائیں ہوں
دل کہتا ہے اللہ کرے
تم جیسے سب کی مائیں ہوں
میں ان سڑکوں کا شہزادہ 
سب لوگ شناسا ہیں میرے
ہر موڑ مرا پہچانا ہے
میں تعلیمی اسناد اٹھائے
دفتر دفتر پھرتا ہوں
اور یہ آوازے سنتا ہوں
تم نوکری لینے آئے ہو
یہ لمبے لمبے بال لیے
اور ہاتھ میں بے قیمت کاغذ
کیا کوئی سفارش 
کسی وزیر کا خط بھی جیب میں لائے ہو
میں سر کو جھکائے خاموشی سے
واپس باہر آتا ہوں
اور محرومی کا بوجھ اٹھائے
شہر کی لمبی سڑکوں پر
آوارہ گھوما کرتا ہوں
پھر اپنے لمبے بالوں میں
ناکام سفر کی گرد لیے
جب شام ڈھلے 
میں گھر کی جانب آتا ہوں
تو پھر گھر کی دہلیز پہ
میری ماں اپنی باہیں پھیلائے
مجھ کو اپنی ممتا کی آغوش میں بھر کے کہتی ہے
کیوں اتنی دیر کہاں کر دی؟
کچھ کام بنا؟
پھر میری خاموشی سے بات سمجھ جاتی ہے
اور دلاسہ دے کر مجھ سے کہتی ہے
مایوس نہ ہو یوں لعل مرے!
یہ دروازے جو بند ہیں اپنی قسمت کے
کچھ روز میں کھلنے والے ہیں
میں اپنے میلے دامن سے
آنکھوں کو پونچھ کے کہتا ہوں
سب دروازے جو بند ہیں ہم ناداروں پر
یہ ٹوٹ تو سکتے ہیں لیکن
کھلنے کا کوئی امکان نہیں
جو بیٹا ان دروازوں پر
اپنے جیسے مظلوموں کی
بہنوں کی، بیٹوں، بیٹیوں کی
تم جیسی پیاری ماؤں کی
رفعت کی حفاظت کرنے کو
حق اپنے لینے کی خاطر
جب کاری ضرب لگائے گا
تو پھر باغی کہلائے گا
میں کہہ دوں گا اے زر دارو!
تم جس کو بغاوت کہتے ہو
میں اس کو عبادت کہتا ہوں
تم جس کو عبادت کہتے ہو
میں اس اوہام پرستی سے
دنیا کے بھرے بازاروں میں
اعلانِ بغاوت کرتا ہوں
لیکن یہ سب اس دن ہوگا
جب ماتھا میرا چوم کے تو
بولے گی مجھے تھپکی دے کر
اب تک جو سنبھال کے رکھے ہیں
وہ سارے قرض چکا دینا
تم میرے بہادر بیٹے ہو
اس دنیا کو بتلا دینا
سمجھا دینا نادانوں کو
اک مدت تک پکنے والا
جب لاوا پھوٹ نکلتا ہے
تو دھرتی پر ہونے والا
ہر جبر فنا ہو جاتا ہے
تم آج جو واپس آؤ گے
تو اپنے لہو کے جو قطرے
دامن پہ سجا کے لاؤ گے
میں اس چھوٹے سے آنگن کو
ان پھولوں سے مہکا لوں گی
جا بیٹا! دور بلائیں ہوں
میں کہہ دوں گا اللہ کرے
تم جیسی سب کی مائیں ہوں	٭٭٭



طبقات میں انساں کو تقسیم نہیں کرتے
تاراج اخوت کی اقلیم نہیں کرتے
پھولوں کے بدن زخمی کر دیں جو گلستاں میں
ہم ایسی بہاروں کو تسلیم نہیں کرتے
٭٭٭



دیدہ و دل کو فروزاں نہیں ہونے دیتا
وہ کسی گھر میں چراغاں نہیں ہونے دیتا
جس کی مٹھی میں ہے تقدیر ہنر مندوں کی
اپنی صورت کو نمایاں نہیں ہونے دیتا
روک رکھی ہیں سحر کی سبھی راہیں اس نے
روشنی کا کوئی امکاں نہیں ہونے دیتا
اپنا محتاج ہر اک شخص کو رکھنے کے لیے
وہ کسی چیز کو ارزاں نہیں ہونے دیتا
دن میں چھپ سکتی ہے آلودگیِ  جسم کہاں
پردۂ شب ہے کہ عریاں نہیں ہونے دیتا
ایک طبقہ ہے مکمل کوئی اک فرد نہیں
جو ہمیں تائبِ عصیاں نہیں ہونے دیتا
ہم نے پہنائی تری یاد کو زنجیر بہت
دل ترے غم سے گریزاں نہیں ہونے دیتا
 ٭٭٭




وصالِ یار کو ترسوں رقیب کی ضد ہے
چراغِ قرب جلاؤں حبیب کی ضد ہے
زباں بضد ہے پکارے اس ایک ذات کا نام
گلے سے مجھ کو لگا لے صلیب کی ضد ہے
مرا یہ عزم کہ منزل کی جستجو میں رہوں
بچھائے راہ میں کانٹے نصیب کی ضد ہے
شبِ حیات کے سائے دبیز تر ہی سہی
اجالا ہو کے رہے گا نقیب کی ضد ہے
اب اس قدر بھی نہیں زہر بے اثر یارو!
مریض موت کو ترسے طبیب کی ضد ہے
رئیسِ شہر سے کہہ دو کہ سیم و زر کے عوض
غریب بک نہیں سکتا غریب کی ضد ہے
٭٭٭



کریہہ جسم درونِ غلاف رکھتے ہیں
وہ خون پی کے بھی چہروں کو صاف رکھتے ہیں
ہوا کو چاہیے اب کے کچھ اور تیز چلے
کہ یہ درخت تنوں میں شگاف رکھتے ہیں
٭٭٭


پھول اپنی جگہ، خار اپنی جگہ
باغبانوں کا کردار اپنی جگہ
تنگ گلیوں کے اسرار اپنی جگہ
شاہی مسجد کے مینار اپنی جگہ
ہم سے جھک کر خریدا نہیں جا سکا
حسن تھا جنسِ بازار اپنی جگہ
گاؤں میں آنچلوں کی ضرورت بھی ہے
آپ کے سر پہ دستار اپنی جگہ
لب گریزاں تھے جس وقت اظہار سے
آنکھ تھی محوِ گفتار اپنی جگہ
عرضِ چشمِ کرم کی اجازت تو ہو
آپ کا حرفِ انکار اپنی جگہ
اک نئی زندگی کی علامات ہیں
سیج اپنی جگہ، دار اپنی جگہ
بچ نکلنے کی تدبیر تو چاہیے
ڈوب جانے کے آثار اپنی جگہ
٭٭٭



سمجھوتہ


دار و رسن کی عظمتیں
زہرِ وفا کی لذتیں
راہِ طلب کے خار و سنگ
جرم و سزا کے سلسلے
میرے جنوں کی شہرتیں
اہلِ خرد کی تہمتیں
دامنِ دل دراز ہے
آؤ یہ ساری دولتیں
مل کے اسی میں ڈال دو
مجھ کو مری اناسمیت
شہر سے نکال دو
چاہے جدھر اچھال دو
میری زباں کھلے گی کیا
جبکہ مرے خیال پر
جبکہ مرے وجود پر
حاوی ہیں میرے پھول سے
بچوں کی مسکراہٹیں
مجھ کو عزیز تر ہیں
ان کے خواب، ان کی راحتیں
ان کے لبوں کی سرخیاں
ان کے شریر قہقہے
آؤ کہ میری حریت
روند کر گزر چلو
میرے قلم کو توڑ دو
میری زباں کو کاٹ دو
میرا لہو نچوڑ لو
میرے کفن کی دھجیاں
میرے بدن کے لوتھڑے
چاروں طرف بکھیر دو
٭٭٭




موضوعِ گفتگو جو ترا بانکپن ہوا
ہر اک شریکِ بزم مرا ہم سخن ہوا
الفاظ نے تراش لیے تیرے خدوخال
جذبے سمٹ گئے تو ترا پیرہن ہوا
ٹھہریں ادائے ناز تری کم نگاہیاں
میرے لیے شعور بھی دیوانہ پن ہوا
چبھتی رہیں کچھ ایسے نگاہوں کی سوزنیں
تمثیلِ زر نگار کسی کا بدن ہوا
میں اس کو اور لوگ مجھے دیکھتے رہے
سامانِ لطف یوں بھی سرِ انجمن ہوا
جیسے وہیں پہ وقت کی رفتار تھم گئی
وہ جانِ انجمن جو کبھی جانِ من ہوا
دل بجھ گیا سحر کی تمنا لیے ہوئے
ہر خواب آزمائشِ دار و رسن ہوا
٭٭٭



رد عمل



دیدہ و دل لہو لہو نہ کرے
اپنے قاتل کی جستجو نہ کرے
حکم یہ تھا کہ شہر میں کوئی
آئنہ اس کے روبرو نہ کرے
گلستاں اس کی زہر پاشی سے
لاکھ محرومِ رنگ و بو بھی ہوئے
کرب کی دلفگار راتوں میں
دیدہ و دل لہو لہو بھی ہوئے
لب کشائی گناہ بھی ٹھہری
حوصلے قتل چار سو بھی ہوئے
ہم غریبوں کے معتبر جذبے
لقمۂ سازشِ عدو بھی ہوئے
تازیانوں کے سائے میں اس کے
ظلم موضوعِ گفتگو بھی ہوئے
حکم کے باوجود شہروں میں
آئنے اس کے روبرو بھی ہوئے
٭٭٭



سوال


مجھے روشنی کی طلب بھی تھی
مجھے منزلوں کا گماں بھی تھا
مجھے راستوں کی خبر بھی تھی
میں بشر جو تھا مرا دل بھی تھا
مرے دل میں رنگ بکھیرتی ہوئی
خواہشوں کا ہجوم تھا
مری زندگی کے خلاؤں میں
کئی تیرتے ہوئے خواب تھے
مجھے مانگنے کا شعور تھا
مرے لب پہ حرفِ دعا بھی تھا
مرا اپنا ایک خدا بھی تھا
میں بشر جو تھا
مجھے روشنی کی طلب تو تھی
مجھے راستوں کی خبر تو تھی
مجھے منزلوں کا گماں تو تھا
تو نے پھر بھی کیسے سمجھ لیا
کوئی آرزو کوئی راستہ
کوئی روشنی کوئی زندگی
مجھے تجھ سے بڑھ کے عزیز ہے
کبھی اس طرف سے گزر ہوا
تو نظر بچا کے یہ دیکھنا
ترے بعد جتنی بسر ہوئی
اسے عمر کہنا درست ہے؟
٭٭٭



میکدوں کو بند کر دو ساغروں کو توڑ دو
عکس خود مٹ جائیں گے تم آئنوں کو توڑ دو
ہم سے کہتے ہیں وہ زیرِ آستیں خنجر لیے
نفرتوں پر مشتمل ان سلسلوں کو توڑ دو
اس گھٹن میں ایک دن انسانیت مر جائے گی
معبدوں کے آمرو ان ضابطوں کو توڑ دو
میرے بچو! نرم ہاتھوں پر سجا لو آبلے
قاعدوں کو پھاڑ ڈالو تختیوں کو توڑ دو
باغبانوں کو یہ کس نے دے دیا اذنِ ستم
نوچ لو پھولوں کے چہرے ٹہنیوں کو توڑ دو
روک لو بڑھتے ہوئے آسیبِ ظلمت کے قدم
لمحہ لمحہ تنگ ہوتے دائروں کو توڑ دو
غم نصیبو! لے کے اٹھو عزمِ تسخیرِ جہاں
چیر کے رکھ دو سمندر پربتوں کو توڑ دو
٭٭٭




تیرے پیروں میں مرے پیار کی زنجیر نہیں
میرے ہونٹوں پہ ترے حسن کی تفسیر نہیں
میں بھلا تیرے تعاقب میں کہاں تک جاتا
زندہ رہنے کی فقط ایک ہی تدبیر نہیں
اشک پلکوں سے گرے گا تو بکھر جائے گا
آج رستے میں کوئی دستِ دعا گیر نہیں
زندگی وقفِ حوادث تو رہے گی لیکن
اب یہ دل تیرے خیالات کی جاگیر نہیں
سامنے میرے نگاہوں کو جھکاتی کیوں ہو
میرے ہاتھوں میں کوئی جبر کی شمشیر نہیں
بھول جانا کہ تری آس کی میں منزل تھا
میں بھی سمجھوں گا یہ نامے تری تحریر نہیں
٭٭٭



وہ بات جو لبِ اظہار سے ادا نہ ہوئی
شکستِ ذات نے جانے کہاں کہاں کہہ دی
حصار ٹوٹ گیا میرے ضبطِ پیہم کا
لہو کے ایک ہی قطرے نے داستاں کہہ دی
٭٭٭



جس گھڑی ہم تیری محفل سے نکالے جائیں گے
اشک تیری آنکھ سے بھی کب سنبھالے جائیں گے
سوچتے ہیں پھر ترے دامن میں کیا رہ جائے گا
تہمتیں، رسوائیاں تو ہم اٹھا لے جائیں گے
ساحلِ امید سے شاید بچا کر ایک دن
ہم کو طوفانوں کی جانب ناخدا لے جائیں گے
مصلحت آمیز سی ایک آشنائی کے سوا
تیرے پہلو سے بھلا ہم اور کیا لے جائیں گے
جس جگہ سے ہم اٹھیں گے، تیرگی رہ جائے گی
جس طرف ہم لوگ جائیں گے اجالے جائیں گے
٭٭٭



ردائے نیم شب




اے نگاہِ شوق تجھ کو یہ بھی اندازہ نہیں
زندگی کی دلکشی منت کشِ غازہ نہیں
ایسا لگتا ہے مسافر دل شکستہ ہو گئے
کوئی دھبہ خون کا ملبوس پر تازہ نہیں
کون اب سنگینیِ  حالات سے ڈرتا پھرے
میرے غم خانے کا کوئی بند دروازہ نہیں
وقت کو اہلِ وفا کا امتحاں مقصود ہے
سر جھکا کر بچ نکلنے کی سعی بے سود ہے
اس جہنم زار میں اب زندگی ممکن نہیں
مصلحت کا جانِ جاں ہر راستہ مسدود ہے
راکھ کر دے ایک پل میں کاخِ استبداد کو
آج ہر سینے میں وہ سمٹا ہوا بارود ہے
کیا چھپائے گی ردائے نیم شب خورشید کو
کون روکے گا عروسِ نور کی تولید کو
پست کر سکتی نہیں طغیانیاں ہمت مری
ڈھونڈ لاؤں گا تہِ دریا سے مروارید کو
ایک ہی منظر کو دیکھے کب تلک چشمِ بشر
اک نیا عالم ہے اب درکار ذوقِ دید کو
٭٭٭




ہم اہلِ دل بھی عجب صاحبِ نظر نکلے
فرشتہ جن کو سمجھتے تھے وہ بشر نکلے
وہ جن پہ دور سے ہوتا تھا ساحلوں کا گماں
قریب آ کے وہی موت کے بھنور نکلے
ہوئے ہیں قلزمِ ہستی میں غوطہ زن جب بھی
صدف کے پیٹ سے ٹوٹ ہوئے گہر نکلے
پلا پلا کے لہو جن کی پرورش کی تھی
جوان ہو کے وہی پیڑ بے ثمر نکلے
ہمارے خون کے چھینٹے تھے جن کے دامن پر
وہ لوگ تیری نگاہوں میں معتبر نکلے
تمام رات مسافت میں کاٹ دی ہم نے
سحر ہوئی تو وہی درد ہم سفر نکلے
ازل سے دل میں مکیں ہے وہ دردِ دل بن کر
ہم اپنی ذات سے کس درجہ بے خبر نکلے
٭٭٭




انکشافِ بستۂ اسرار کر سکتی نہیں
یہ زباں اب جرأتِ اظہار کر سکتی نہیں
بارہا ٹھکرا دیا ہے موت کو ہم نے مگر
یہ تقاضا زندگی ہر بار کر سکتی نہیں
ریت گھر تعمیر کرنا اور پھر یہ سوچنا
تندیِ  طوفاں انہیں مسمار کر سکتی نہیں
اپنے ہاتھوں سے دیا ہو زہر عیسیٰ نے جسے
کوئی دستک پھر اسے بیدار کر سکتی نہیں
وہ خرد مندوں میں شامل ہے مگر اس کی نظر
امتیازِ حلقۂ اغیار کر سکتی نہیں
اپنی باہوں میں سمٹ آئی ہے جب سے زندگی
انحرافِ لذتِ آزار کر سکتی نہیں
مل گئی جس جستجو کو منزلِ دشتِ جنوں
احتیاجِ سایۂ دیوار کر سکتی نہیں
٭٭٭




اٹھ کر تری محفل سے جو تنہا سا گیا ہے
دستورِ محلات کو ٹھکرا سا گیا ہے
حالات کی یخ بستہ روایات بدل کر
ٹھٹھرے ہوئے ماحول کو سلگا سا گیا ہے
گزری ہے کچھ اس طرح ترے بعد ہر اک شب
ہر لمحہ تری یاد کو دہرا سا گیا ہے
رستے میں اگر تھا بھی تو اک چشمۂ زہراب 
منزل کی طرف جو بھی گیا پیاسا گیا ہے
الجھے ہیں تری زلفِ گرہ گیر میں جب سے
تقدیر کا ہر راستہ بل کھا سا گیا ہے
لوٹے ہیں تو وہ گردِ مسافت ہے بدن پر
آئینہ ہمیں دیکھ کے دھندلا سا گیا ہے
٭٭٭



میرے جذبوں کو دبا کر مجھے محصور نہ کر
میرے لفظوں کو بغاوت کا ابھی نام نہ دے
میری نظروں سے کبھی اپنے گریبان میں جھانک
مجھ کو بے باکیِ  تحریر کا الزام نہ دے
٭٭٭


اشتہار،  تلاشِ گمشدہ

اک پتہ چاہیے
ایک برسوں کے بچھڑے ہوئے شخص کے
گھر کی دہلیز کا راستہ چاہیے
رابطے کا کوئی سلسلہ چاہیے
مدتوں پیشتر ایک دن چھوڑ کر
وہ گیا تو رگوں میں لہو جم گیا
جیسے چلتا ہو اکارواں تھم گیا
دستِ عیسیٰ سے جیسے شفا چھن گئی
ذہنِ قابل سے فکرِ رسا چھن گئی
میری ہستی کے شام و سحر لٹ گئے
دل کے دل لٹ گئے گھر کے گھر لٹ گئے
اس کی آنکھوں سے برسی ہوئی چاہتیں
اس کے ہونٹوں سے ٹپکا ہوا انگبیں
اس کے ہاتھوں کی لکھی ہوئی چٹھیاں
کچھ کہے اَن کہے سے فسانے بھی ہیں
گو کہ یہ زندگی کے بہانے بھی ہیں
ساعتوں میں مقید زمانے بھی ہیں
جو کہ مرہم بھی ہیں تازیانے بھی ہیں
کچھ کتابیں بھی ہیں کچھ رسالے بھی ہیں
کچھ اندھیرے بھی ہیں کچھ اجالے بھی ہیں
میرے ماضی کے اَن مٹ حوالے بھی ہیں
کچھ تصاویر ہیں اور کچھ خواب ہیں
میرے پاس اس کی ہر چیز محفوظ ہے
پر سلگتی ہوئی
ان شبوں کا مقدر سویرا نہیں
ایک مدت سے اس نخلِ امید پر
خوش نوا پنچھیوں کا بسیرا نہیں
پھر یہ ساماں بہرحال میرا نہیں
سالہا سال سے
اب تو اس کا کوئی خط بھی آیا نہیں
کون سے دیس میں کون سے شہر میں
اس کا گھر کس گلی کس محلے میں ہے
کچھ خبر ہی نہیں کچھ پتہ ہی نہیں
رابطے کا کوئی سلسلہ ہی نہیں
اس کو تاکید ہے
اس خبر کو پڑھے تو مجھے اک دفعہ
ڈاک کا مختصر سا پتہ بھیج دے
تاکہ میں اس کا ساماں اسے بھیج دوں
ایک دن ڈاکیے نے 
مجھے ایک گمنام مسلا ہوا خط دیا
جس میں تحریر تھا
اس کہانی کو عنواں نہیں چاہیے
اب سمندر کو طوفاں نہیں چاہیے
آپ ہی اپنے پاس اس کو رکھ لیجیے
اب کسی کو یہ ساماں نہیں چاہیے
اپنے پیاروں کو یوں آزماتا ہے کیا
کوئی اگلے جہاں سے بھی آتا ہے کیا
٭٭٭





حکم نامہ



شکستہ ٹاٹ کے پردے ہٹا دئیے جائیں
شرافتوں کے جنازے اٹھا دئیے جائیں
زباں دراز مکینوں کی خامشی کے لیے
جگہ جگہ نئے مقتل بنا دئیے جائیں
حقوق مانگنے والے نحیف لوگوں نے
اٹھا رکھے ہیں جو پرچم جلا دئیے جائیں
کسی طرف سے نہ اٹھے صدا بغاوت کی
ہر ایک موڑ پہ پہرے بٹھا دئیے جائیں
وہ گرم خون جو مائل بہ سرکشی ہو اسے
مفاہمت کے قرینے سکھا دئیے جائیں
بنے نہ کوئی یہاں خواب آشیانے کا 
بقائے زیست کے جذبے سلا دئیے جائیں
ہمارے محل کی تعمیر میں رکاوٹ ہیں
جو لوگ ان کے نشاں تک مٹا دئیے جائیں
تمام کچے مکاں اس غلیظ بستی کے
مکیں نکال کے فوراً گرا دئیے جائیں
٭٭٭




مجھے حیات سے بے زار کر نہ جائے کہیں
ترے خیال کی خوشبو بکھر نہ جائے کہیں
لگی ہوئی ہے جو برسات تھم نہ پائے کبھی
فراقِ یار کا دریا اتر نہ جائے کہیں
مرے سوال کا لمحہ ہزار زخم لیے
ترے جواب سے پہلے گزر نہ جائے کہیں
وہ میرے قتل پہ راضی تو ہو گیا ہے مگر
یہ التجا بھی مری بے اثر نہ جائے کہیں
مجھے گمان ہے اک روز میری آنکھوں سے
وہ اپنی ذات کو دیکھے تو ڈر نہ جائے کہیں
وہ آ تو جائے گا آنکھوں میں مے کدے لے کر
میں سوچتا ہوں مری پیاس مر نہ جائے کہیں
٭٭٭




اک عجب کیفیتِ ہوش ربا طاری تھی
قریۂ جاں میں کسی جشن کی تیاری تھی
سر جھکائے ہوئے مقتل میں کھڑے تھے جلاد
تختۂ دار پہ لٹکی ہوئی خودداری تھی
خون ہی خون تھا دربار کی دیواروں پر
قابضِ تختِ وراثت کی ریاکاری تھی
ایک ساعت جو تری زلف کے سائے میں کٹی
ہجر بردوش زمانوں سے کہیں بھاری تھی
اور سب ٹھیک تھا بس ہم سے بھلائی نہ گئی
تیرے خاموش رویے میں جو بے زاری تھی
اک قیامت تھی کہ رسوا سرِ بازار تھے ہم
اور پھر اس کی وہ تشویش بھی بازاری تھی
تیرے محکوم ترے حاشیہ برداروں کی
صرف وردی ہی نہیں سوچ بھی سرکاری تھی
٭٭٭



صورت گر


ہماری بے بسی دیکھو کہ ہم حالات کے زرگر
قفس میں جی تو سکتے ہیں لبوں کو سی تو سکتے ہیں
شعور و آگہی کا زہر ہنس کر پی تو سکتے ہیں
قلم کو ہاتھ میں لے کر
تمناؤں کے زیور میں نگینے جڑ تو سکتے ہیں
ہمارے ریشمی ہاتھوں میں چھالے پڑ تو سکتے ہیں
مگر تیار ہونے پر تمناؤں کا وہ زیور
کسی معصوم شرمائی ہوئی خوابوں کی دلہن کی
کلائی کی، گلے کی، کان کی،
ماتھے کی زینت بن نہیں سکتا
کہ اس میں آنے والی صبح کے خورشید کی
ضو بار کرنیں ہیں
کہ اس میں نسلِ آدم کے لیے آسائشوں
رشکِ بہاراں مہ وشوں کی چاہتوں، زیبائشوں
اور سونی سونی اجڑی اجڑی محفلوں کے واسطے
اک زندگی اک دلکشی کا جاں فزا پیغام ہے
ہماری زندگی دیکھو کہ ہم لفظوں کے صورت گر
کہیں سے اشکِ غم لے کر
کسی کی زلفِ عنبر بیز سے کچھ پیچ و خم لے کر
کسی بیمار سینے کے نفس کا زیر و بم لے کر
کسی ماتم سرا کی ہچکیاں یا پھر
کسی کے بے لہو لاغر بدن کی آخری جنبش
کہیں سے آرزو لے کر کہیں سے حوصلہ لے کر
کبھی دنیائے رنگ و بو کوئی تخلیق کرتے تھے
زمانے کے لیے کوئی ارم تعمیر کرتے تھے
تو دانش ور، مفکر، عالمانِ عقل و عرفاں سب
ہماری روز و شب کی جاں گسل جہدِ مسلسل کو
سمجھ کر اک سہانا خواب بچوں کو نظر انداز کرتے ہیں
ہمیں تزئینِ ہستی کی لگن سے باز رکھنے کو
صلیب و دار کے خوں آشنا قصے سناتے ہیں
مگر جب ہم بھی اپنے عزم کا اظہار کرتے ہیں
مگر جب ہم بھی اپنے جرم کا اقرار کرتے ہیں
تو اربابِ ستم ہم بے کسوں کو
سرکشوں کے، باغیوں کے نام دے دے کر
کبھی زندہ جلاتے ہیں کبھی مصلوب کرتے ہیں
٭٭٭


پلکوں پہ حسرتوں کا لہو تولنا پڑا
اس طرح زندگی کا سفر کاٹنا پڑا
ڈرتے ہیں گر پڑیں نہ فرازِ انا سے ہم
خود کو تمہاری آنکھ سے جب دیکھنا پڑا
کربِ شعورِ ذات کی شدت نہ پوچھیے
آنکھوں کو بند کر کے ہمیں جاگنا پڑا
جذبے ضروریات پہ قربان ہو گئے
ہر لمحہ زندگی کا ہمیں بیچنا پڑا
پھیلا ہے یوں فضا میں کبھی زہرِ آرزو
اپنے ہی ناخنوں سے بدن نوچنا پڑا
ایسی قیامتیں بھی ہوئی ہیں بپا یہاں
انساں کو حریت کا گلا گھونٹنا پڑا
تجھ سے بچھڑ کے ذہن ہوا ایسے منتشر
لوگوں سے اپنے گھر کا پتہ پوچھنا پڑا
پھر ہم سے احتیاط نے دامن چھڑا لیا
پھر برخلاف ظلم ہمیں بولنا پڑا
٭٭٭




ابر کان دھرتا ہے اب کہاں اذانوں پر
بارشیں بھی ہوتی ہیں ریت کے مکانوں پر
خواہشوں کی نگری میں جبر کی حکومت ہے
پڑ گئے ہیں تالے سے بولتی زبانوں پر
ہر ورق ہے میلا سا، سب نقوش دھندلے سے
جم گئی ہے گرد ایسے زندگی کے خانوں پر
سن کے نام ہر کوئی ایسے کانپ اٹھتا ہے
جیسے زہر بکتا ہو خوش نما دکانوں پر
دیکھ لے گا ہر کوئی جاگتی نگاہوں سے
ایک آگ برسے گی ظلم کی چٹانوں پر
جب کہ لوگ دھرتی پر روشنی کو ترسے ہیں
آفتاب بیٹھا ہے چھپ کے آسمانوں پر
٭٭٭



گو پھٹ سکا نہ بادِ حوادث سے پیرہن
لیکن غبارِ راہ نے میلا تو کر دیا
لیلیٰ کو اس شدید پرستش کے باوجود
آشفتگیِ  قیس نے رسوا تو کر دیا
٭٭٭


آزادی


رہگذر رہگذر کارواں کارواں
انجمن انجمن گلستاں گلستاں
شہر میں گاؤں میں دھوپ میں چھاؤں میں
ایک ہی شور ہے
آج سے ہم اسیرانِ رنج و الم
بارِ طوقِ غلامی سے آزاد ہیں
یہ الگ بات ہے ہم کو درپیش ہے
خار زارِ وفا کا سفر آج بھی
زندگی سے ہیں محروم گھر آج بھی
گردِ افلاس ہے سر بہ سر آج بھی
خوار ہیں اہلِ دل دربدر آج بھی
اور وہ لوگ جو
آستینوں میں خنجر چھپائے ہوئے 
پیار، اخلاص تقسیم کرتے پھریں
سب کی نظروں میں ہیں معتبر آج بھی
شب کی زد میں ہیں دیوار و در آج بھی
آج بھی میرے مزدور دہقاں سبھی
آرزوؤں کے دامن پسارے ہوئے
اہلِ زر کے فسوں میں گرفتار ہیں
ان کی چشمِ عنایت کے محتاج ہیں
پھر بھی کہتے ہیں ہم آج آزاد ہیں
ہم اگر اس تسلط سے آزاد ہیں
پھر کوئی آج اتنا بتا دے مجھے
کتنے دل دردِ پیہم سے آزاد ہیں
کتنے دامن محبت سے معمور ہیں
کتنے ہونٹوں پہ نغموں کی برسات ہے
کتنی پلکوں پہ خوشیوں کی بارات ہے
یہ جو بے روزگاری کی زنجیر ہے
کیا یہی ہم غریبوں کی تقدیر ہے
بیٹیاںسر پہ چاندی کے آنچل لیے
منتظر ہیں کہ کب ان کی ڈولی اٹھے
وقت کے قاضیو! تم نے سوچا کبھی
ان کے ہاتھوں پہ رنگِ حنا کیوں نہیں
ان کی ہستی سکوں آشنا کیوں نہیں
اور پھر یہ اگر اتنی محروم ہیں
ان کے ہونٹوں پہ کوئی گلہ کیوں نہیں
لوگ محرومیوں کو چھپاتے تو ہیں
مسکراہٹ لبوں پر سجاتے تو ہیں
جشن آزادیوں کے مناتے تو ہیں
غور سے دیکھیے تو حقیقت کھلے
اس قدر تیرِ چشمِ غضب تیز ہے
خوں سے رنگین ہے پیرہن پیرہن
اشکِ غم سے ہر اک آنکھ لبریز ہے
کوئی اتنا مگر سوچتا ہی نہیں
سوچتا ہے تو پھر بولتا ہی نہیں
بولتا ہے تو صیاد حالات کا
قید کرتا ہے یوں باندھ کر دست و پا
قفلِ زنداں کبھی کھولتا ہی نہیں
٭٭٭




زیرِ قدم سفر میں ترا نقشِ پا رہے
لازم نہیں زمانہ مرا ہمنوا رہے
دھندلائی آنکھ ہی نہ جبیں پر شکن پڑی
دل میں اگرچہ سینکڑوں محشر بپا رہے
اگ آئیں پرتو شوق سے اڑ جائے وہ مگر
اس سے کہو کہ میرا ابھی آشنا رہے
کچھ تو بھی اپنی طرزِ تغافل پہ غور کر
کب تک اٹھا ہوا مرا دستِ دعا رہے
ناقابلِ قبول ہے یہ فلسفہ مجھے
بندے کریں خدائی خدا دیکھتا رہے
٭٭٭



راکھ میں سوئی ہوئی چنگاریوں سے پوچھنا
زندہ رہنے کی سزائیں ہاریوں سے پوچھنا
صورتوں کو دور سے پہچاننا ممکن نہیں
باغبانوں کے کرم پھلواریوں سے پوچھنا
کتنا سرمایہ تھا ان میں اور کیسے لٹ گیا
یہ کبھی ٹوٹی ہوئی الماریوں سے پوچھنا
خود تجھے منزل بنایا اور پھر پہنچے نہیں
راہ کی تاریک ناہمواریوں سے پوچھنا
ڈھونڈنا فرماں رواؤں میں شعورِ سلطنت
مقتدر رہنے کا فن درباریوں سے پوچھنا
ہر روایت شہر میں بے آبرو کیسے ہوئی
پگڑیوں میں کھوجنا پھلکاریوں سے پوچھنا
داورِ محشر ہمارے لڑکھڑانے کا سبب
پاؤں سے لپٹی ہوئی دشواریوں سے پوچھنا
٭٭٭




نظر قد آوروں سے لڑ گئی ہے
مرے آنگن میں سولی گڑ گئی ہے
وہ آئے ہیں لباسِ غیریت میں
تکلف کی ضرورت پڑ گئی ہے
نسیمِ صبح میرے بام و در پر
عجب چنگاریاں سی جڑ گئی ہے
ثمر ٹوٹا تو شاخِ زخم خوردہ
شجر سے انتقاماً جھڑ گئی ہے
گھروندوں نے بھی راہیں روک لی ہیں
ہوا بھی اپنی ضد پر اڑ گئی ہے
٭٭٭


سرخ پرچم

ہم سے حق چھین کر بھیک دیتے رہو
ہم غریبوں پہ احسان کرتے رہو
تم ہمارے خدا ہو اگر ہم کبھی
حکم کو ٹالنے کی جسارت کریں
تم سے نظریں ملانے کی جرأت کریں
اپنے سر کو اٹھانے کی ہمت کریں
تو ہمیں ان جرائم کی پاداش میں
اس قدر تازیانے لگاؤ کہ ہم
مرنا چاہیں تو مرنا بھی جینا لگے
ایسے زخموں پہ نشتر چلاتے رہو
ہم کو جینے سے نفرت دلاتے رہو
آزماؤ وہ انداز تم جبر کے
ہم غلاموں کی تذلیل و تضحیک پر
شرم سے پانی پانی ہو انسانیت
روند ڈالو ہمیں، مار ڈالو ہمیں
اس سے پہلے کہ ہم نیند سے جاگ اٹھیں
اس سے پہلے کہ ہم اپنے مسجود سر
پھر اٹھانے لگیں
اس سے پہلے کہ ہم بولنا سیکھ لیں
اس سے پہلے کہ ہم آندھیوں کے مخالف
یہ نازک سے پر تولنا سیکھ لیں
اس سے پہلے کہ ہم اپنے خاموش لب
ظلم کے روبرو کھولنا سیکھ لیں
اور پھر ایک دن
قتل گاہوں کے خنجر بکف منتظم
صحنِ گلزار کے معتبر خوشہ چیں
انقلابِ زمانہ کے سیلاب میں
کچھ نہ باقی رہے
بس رہیں تو رہیں
بے گناہوں کے خوں میں بھگوئے ہوئے
سرخ پرچم رہیں جن کی تعظیم میں
اہلِ دل، اہلِ ایثار کی گردنیں تا ابد خم رہیں
٭٭٭




روشنی سے تیرگی تعبیر کر دی جائے گی
رنگ سے محروم ہر تصویر کر دی جائے گی
عدل کے معیار میں آ جائیں گی تبدیلیاں
بے گناہی لائقِ تعزیر کر دی جائے گی
ہر نظر کو آرزوؤں کا سمندر بخش کر
ہر زباں پر تشنگی تحریر کر دی جائے گی
دب کے رہ جائیں گے جذبوں کے اجالے ایک دن
ظلمتِ افلاس عالمگیر کر دی جائے گی
ہر کلائی، ہر تمنا، ہر حقیقت، ہر وفا
آشنائے حلقۂ زنجیر کر دی جائے گی
بانجھ ہو کر رہ گیا جس وقت دھرتی کا بدن
تب ہمارے نام یہ جاگیر کر دی جائے گی
دفن کر کے اس کی بنیادوں میں انسانوں کے سر
اک مہذب شہر کی تعمیر کر دی جائے گی
٭٭٭


وہ دلنواز ہے لیکن بہانہ ساز بھی ہے
شبِ وصال ہے گو مختصر، دراز بھی ہے
محیطِ شام و سحر ہے، سکونِ قلب و نظر
کہ اس کا حسن حقیقت بھی ہے مجاز بھی ہے
مرا وجود وہ خستہ مکان ہے جس پر
ستم کی تیز ہواؤں کا ارتکاز بھی ہے
اٹھائے سنگ رقیبوں نے اور گل اس نے
مرے حبیب کا لوگوں میں امتیاز بھی ہے
بس اک نگاہ پہ موقوف رہ گئی ہے حیات
نشیب بھی ہے مرے سامنے فراز بھی ہے
وہ میری جان بھی ہے اور دشمنِ جاں بھی
حدیثِ دل ہے اگر تلخ تو گداز بھی ہے
وہ مندروں کا پجاری ہے، مسجدوں کا امام
اور اس کے پاس کلیساؤں کا جواز بھی ہے
یہ اور بات مری وحشتیں پسند نہ ہوں
مرے خلوص پہ اس بے وفا کو ناز بھی ہے
٭٭٭



کربِ تبادلہ


یوں سرراہ دامن مرا تھام کر
میری رفتار کا سلسلہ توڑ کر
خشک آنکھوں میں ساون سمیٹے ہوئے
خود کو عریانیت میں لپیٹے ہوئے
میری آنکھوں کو نم آشنا مت کرو
اپنے معصوم ہاتھوں کو یوں باندھ کر
مجھ سے خیرات کی التجا مت کرو
ایک بے کار سے فلسفے کے سوا
ایک گمنام دانشوری کے سوا
ایک ناکام سی زندگی کے سوا
میرے چندا مرے پاس کچھ بھی نہیں
تم مرے سامنے سے یہ دستِ طلب
کیوں ہٹاتے نہیں
میرا احساس پتھر نما ہے بھلا
باپ سے کوئی یوں مانگتا ہے بھلا
میں بھی کیا باپ ہوں
گردِ حسرت میں چہرے چھپائے ہوئے
اپنی میلی جبینوں کے اوراق پر
نقش محرومیوں کے سجائے ہوئے
زندگی کی تجارت کے بازار میں
اپنے بچپن کو نیلام کرتے ہوئے
میرے اَن گنت بچوں کو دو وقت کی
پیٹ بھرنے کو روٹی میسر نہیں
کوئی آ کے مرا فلسفہ چھین لے
میری اقلیم دانشوری لوٹ لے
کھولیوں، جھگیوں میں سسکتے ہوئے
بدنصیبی کے دوزخ میں پلتے ہوئے
میرے بچوں کے ننگے بدن ڈھانپ دے
٭٭٭



عزمِ تعمیر


رات بھر جانے کیوں شور کرتی رہیں
شب کی تنہائیاں
درد رہ رہ کے سینے میں اٹھتا رہا
لے کے انگڑائیاں
زندگی کی جبیں پر ترے پیار کی 
گہری پرچھائیاں
میں نے روکا مگر تجھ کو منظور تھیں 
میری رسوائیاں
میرے حالات نے مجھ کو لمحوں میں یوں 
بانٹ کر رکھ دیا
اب نہ کوئی نفس عمرِ بیمار کا 
میرا اپنا رہا 
پھر بھی ماضی سے ٹوٹا نہیں آج تک 
ذہن کا رابطہ
آج زنجیر تیرے خیالات کو
کون پہنائے گا
فرطِ اندوہ سے جسم ساکت ہوئے
بے ضیاء بستیاں
ہو رہا ہے رگوں میں لہو منجمد
کٹ رہی ہے زباں
زندگی الجھنوں سے عبارت تو ہے
پھر بھی اے جانِ جاں
میں گھروندے بناؤں گا، گرتی رہیں
شوق سے بجلیاں
٭٭٭



ترے بغیر رہِ زندگی عجیب سی ہے
ہے آفتاب مگر روشنی عجیب سی ہے
گریز پا بھی نہیں اور ہم نوا بھی نہیں
مرے حبیب تری دوستی عجیب سی ہے
ہوا کے دوش پہ رکھا ہے آرزو کا چراغ
خود اپنی ذات سے یہ دشمنی عجیب سی ہے
میں سجدہ ریز بھی ہوں، اس کا سنگِ در بھی نہیں
میں سوچتا ہوں مری بندگی عجیب سی ہے
کرے گا بات مکمل نہ ہاتھ چھوڑے گا
مزاجِ یار میں اک تشنگی عجیب سی ہے
خیالِ صبحِ درخشاں نہ آرزوئے وصال
شبِ فراق میں اب دلکشی عجیب سی ہے
سوالِ زر نہیں بھولا، لباس بھول گیا
فقیرِ شہر کی دیوانگی عجیب سی ہے
٭٭٭




غرورِ  شوکتِ فرعون زیرِ پا ہوگا
یہ جبر ہم پہ بھلا کب تلک روا ہوگا
فگار جسم اسیروں کے حوصلوں کی قسم
اسی عذاب میں صیاد مبتلا ہوگا
زباں پہ مہر لگا دی ہے تو نے آج مگر
ہمارے ہاتھ میں کل تیرا فیصلہ ہوگا
تری تلاش میں نکلے گا کون محلوں سے
یہ فرض خاک نشینوں سے ہی ادا ہوگا
کوئی یزید سے کہہ دے کہ جیت ہے کس کی
یہ فیصلہ سرِ میدانِ کربلا ہوگا
یہ لفظ اپنی کتابوں میں لکھ دیا کس نے
ملے گا جو بھی ہمیں درد لادوا ہوگا
سنا ہے چیخ بڑی خوفناک تھی اس کی
کسی نے سامنے آئینہ رکھ دیا ہوگا
٭٭٭



معذرت


تمہارا خط ملا
احساس کا عالم مہک اٹھا
مری تاریک شامِ زندگی میں نور سا بکھرا
مری آنکھوں میں اپنا دل نشیں ماضی سمٹ آیا
جو اس کو کھول کر دیکھا
تو ہر اک لفظ میں تجھ کو نمایاں ہو بہو پایا
یہ خط کیا ہے
مسیحائی کا پرتقدیس پیکر ہے
یہ خط کیا ہے
طلوعِ صبحِ روشن کی علامت ہے
جو میں نے غور سے الفاظ کی ترتیب کو دیکھا
تو تم نے مختصر لفظوں میں میرا حال پوچھا ہے
اور اس کے بعد اک چھوٹی سی فرمائش
کہ میں ایک خوبصورت نظم لکھ کر بھیج دوں
جس میں
محبت ہو، نزاکت ہو، تبسم ہو، تکلم ہو
ترنم ریزیاں ہوں، کیف و مستی ہو
ادائے دلبرانہ بھی، پذیرائی کی لذت بھی
غرض ہر سمت یوں قوسِ قزح کے رنگ بکھرے ہوں
کہ میری نظم رنگوں اور امنگوں کا
حیات افزاء مرقع ہو
تمہارا خط ملا
تو کس قدر تسکین کی دولت ملی لیکن
اسے پڑھ کر مجھے محسوس ہوتا ہے
کہ اپنے درمیاں ترکِ تعلق ہی مناسب تھا
تمہارا خط نہ آنے کی اذیت ٹھیک تھی شاید
کہ تم نے آج
مانگا بھی تو کیا مانگا ہے
چاہا بھی تو کیا چاہا
کہ جب میرے قلم کی شوخیوں کو
میرے گھر کے روز افزوں مسئلوں نے گھیر رکھا ہے
کہ اب میرے بدن کو پیار چھلکاتی نگاہیں
خار بن کر چھید جاتی ہیں
مجھے یہ گردشِ حالات مہلت دے
تو پھر میں زندگی کی
رونقوں، رعنائیوں کی سمت بھی دیکھوں
کہ اب دم توڑتی انسانیت
کچے گھروں میں وحشتوں کے رقص
مرجھائے ہوئے پتھر نما چہروں
تعفن ریز سی گلیوں میں
ننگے پاؤں، ننگے پیٹ
ان میلے کچیلے کھیلتے یا کھیلنے کی آڑ میں
بیماریوں سے، حسرتوں سے، بھوک سے
بے چارگی سے جنگ کرتے
ناتواں مریل سے بچوں کو
میں اپنے خونچکاں اشعار کا عنواں بناتا ہوں
تمہاری ایک چھوٹی سی یہ فرمائش بجا لیکن
میں اب ایسی تبسم آفریں نظمیں نہیں لکھتا!
٭٭٭




رابطوں کے شور میں تنہائیاں گم ہو گئیں
سر پہ سورج آگیا پرچھائیاں گم ہو گئیں
وقت کے سیلاب میں گھر کا تمدن بہہ گیا
حسرتوں کی دھول میں دانائیاں گم ہوگئیں
رفتہ رفتہ ذہن کی نازک رگیں شل ہوگئیں
ہوتے ہوتے فکر کی رعنائیاں گم ہو گئیں
سو گئے سر رکھ کے ہم حالات کی دہلیز پر
شہرتیں پتھرا گئیں، رسوائیاں گم ہو گئیں
مصلحت نے آدمی کے بولتے لب سی دئیے
بے حسی کے موڑ پر سچائیاں گم ہو گئیں
٭٭٭



ہم احتیاط کی حد سے گزرنے والے تھے
فصیلِ ضبط سے نیچے اترنے والے تھے
جلا کے رکھ دئیے اس نے ہمارے ہاتھوں پر
چراغ جو کسی مرقد پہ دھرنے والے تھے
لپٹ لپٹ گئے آنکھوں کے سرخ ڈوروں سے
جو خواب کرچیاں ہو کر بکھرنے والے تھے
سزا سے بچنے کی امید ان سے کیا ہوتی
گواہیوں پہ جو انصاف کرنے والے تھے
بغل میں ہاتھ خلاؤں میں گھورتے دیکھے
جو اڑتے پنچھیوں کے پر کترنے والے تھے
ہوئی ہے گردشِ حالات سے شکست ہمیں
وگرنہ ہم کسی دشمن سے مرنے والے تھے
پکارتے رہے دیوار و در بہت لیکن
نکل پڑے تو کہاں ہم ٹھہرنے والے تھے
٭٭٭



اے مرے شہر

اے مرے شہر تیری گلیوں پر
تیرگی اس طرح مسلط ہے
کوئی صورت نظر نہیں آتی
کوئی رستہ نظر نہیں آتا
آگہی اک عذاب ہو جیسے
روشنی ایک خواب ہو جیسے
قید میں آفتاب ہو جیسے
اک مسلسل سراب ہو جیسے
اے مرے شہر تیری گلیوں میں
جبر حد سے گزرنے والا ہے
زندگی کا لطیف شیرازہ
لمحہ بھر میں بکھرنے والا ہے
باغ میں جو کلی بھی کھلتی ہے
خوف کی پیداوار لگتی ہے
زخم خوردہ بہارلگتی ہے
آسمانوں سے بارشوں کی جگہ
آگ ہی آگ یوں برستی ہے
ز ندگی موت کو ترستی ہے
اے مرے شہر ایسا لگتا ہے
تیری ظلمت شناس گلیوں میں
ہم کو جینے کا حق نہ ہو جیسے
٭٭٭



لاشعورکا سفر


رات تاریک تھی، راہ سنسان تھی
آرزوؤں کی آغوش ویران تھی
وقت خاموش تھا شہر مدہوش تھا
زندگی چند لمحوں کی مہمان تھی
میرے ہونٹوں پہ صحراؤں کی خشکیاں
میری آنکھوں میں دریا کی طغیانیاں
میرے ہاتھوں میں حالات کے آبلے
میرے پاؤں میں تقدیر کی گردشیں
میرے زخموں میں جھیلوں کی گہرائیوں
میری قسمت میں صدیوں کی تنہائیاں
میرے دامن میں عالم کی رسوائیاں
رات تاریک تھی، وقت خاموش تھا
میرے احساس کی چار جانب مگر
شور ہی شور تھا
میرے مجروح جذبوں کا بحرِ طلب
کتنا منہ زور تھا
شدتِ کرب نے جب جھنجھوڑا مجھے
میں نے دیکھا جو آنکھوں کو ملتے ہوئے
میری ماں جانے کب سے سرہانے کھڑی
اپنی آنکھوں میں ان گنت جگنو لیے
میری مخبوط حالت پہ حیران تھی 
٭٭٭


گری ہیں اس طرح انسانیت پر بجلیاں اکثر
گلوں کو نوچتے دیکھے گئے ہیں باغباں اکثر
ضمیروں کا تحفظ ہو گیا ہے کس قدر مشکل
سرِ بازار بک جاتے ہیں اپنے ترجماں اکثر
کہ جب تحصیلِ منزل اک قدم کے فاصلے پر تھی
ہماری کم نصیبی آ گئی ہے درمیاں اکثر
زمانے کی حریصانہ روش کے باوجود ان کو
ہماری پارسائی کر گئی ہے بد گماں اکثر
یہاں اکثر ہماری لب کشائی جرم ٹھہری ہے
ہمارے سامنے گاڑی گئی ہیں سولیاں اکثر
مسافر کب تلک ان پر کریں گے اعتبار آخر
منازل بیچ دیتے ہیں رئیسِ کارواں اکثر
نہ جانے لوگ کیوں ہمراہ جسموں کو نہیں لاتے
ملی ہیں دفتروں میں چلتی پھرتی وردیاں اکثر
ہمارا پیرہن اکثر ہمارے خوں سے بھیگا ہے
کہ ہم نے توڑ دی ہیں ناروا پابندیاں اثر
٭٭٭




نیم روشن شہر کا ویران نقشہ دیکھ کر
زندگی شرما گئی اپنا سراپا دیکھ کر
روز و شب اپنا لہو چھڑکا ہو جس دہقان نے
مر نہ جائے گا زمیں سے زہر اگتا دیکھ کر
خشک صحرا لاکھ پھیلائے ہوئے دامن رہیں
بادلوں کے رخ بدل جاتے ہیں دریا دیکھ کر
سائبانوں میں سمٹ آیا جہنم کا وجود
دھوپ ہم نے اوڑھ لی سایوں کو جلتا دیکھ کر
رہ گئے ہیں رائیگاں ہو کر ہمارے رتجگے
صبحِ بے توقیر کا دھندلا سا چہرہ دیکھ کر
اب مسیحاؤں نے بھی تبدیل کر لی ہے روش
بانٹتے ہیں زندگی اپنا پرایا دیکھ کر
ہر جبیں پر اک ہویدا نقشِ استفہام تھا
فیصلے کے وقت منصف کا رویہ دیکھ کر
٭٭٭




تیری نظر کا فیصلہ منظور ہو گیا
شہرِ خیال آج سے بے نور ہو گیا
پھر میرے خد و خال زمیں پر بکھر گئے
آئینہ گر کے ہاتھ سے پھر چور ہو گیا
تنہائیاں خریدنا جذبات روندنا
سوداگرانِ وقت کا دستور ہو گیا
تزئینِ کائنات کی خاطر جو ہم اٹھے
اپنے لہو سے جسم شرابور ہوگیا
غربت ہماری نسل کی تقدیر بن گئی
فکرِ معاش روح کا ناسور ہو گیا
محنت کشی کی آج بڑی لاج رہ گئی
بیٹا پڑھائی چھوڑ کے مزدور ہو گیا
انسانیت کے قتل میں قاضی کا ہاتھ تھا
قانون شاید اس لیے مجبور ہو گیا
٭٭٭



راتیں لمبی ہو جاتی ہیں


راتیں لمبی ہو جاتی ہیں
دہلیزوں پر جلتے جلتے
شمعیں تھک کر سو جاتی ہیں
راتیں لمبی ہو جاتی ہیں
گلدانوں میں رکھے رکھے
پھول سبھی مرجھا جاتے ہیں
گھر میں آویزاں تصویروں
پر اک دھول سی جم جاتی ہے
منظر ساکت ہو جاتے ہیں
کتنی ناامید نگاہیں
دور افق میں کھو جاتی ہیں
راتیں لمبی ہو جاتی ہیں
ارمانوں کی ساری ندیاں
جب آنکھوں سے بہہ جاتی ہیں
رخساروں پر آڑی ترچھی
چند لکیریں رہ جاتی ہیں
صحراؤں سے آنے والی
دوزخ جیسی گرم ہوائیں
موسم کو دہکا جاتی ہیں
جسموں کو جھلسا جاتی ہیں
کچھ رومال بھگو جاتی ہیں
راتیں لمبی ہو جاتی ہیں
جب آتے ہیں جاڑے، صاحب!
بنگلوں کے پچھواڑے، صاحب!
غربت کا دکھ سہنے والے
جھونپڑیوں میں رہنے والے
لوگوں کے حالات نہ پوچھو
کچھ بنگلوں کا گندا پانی
جینا دو بھر کر دیتا ہے
کچھ برساتیں ان بے چاروں
کا سامان ڈبو جاتی ہیں
راتیں لمبی ہو جاتی ہیں
راتوں کے احوال نہ پوچھو
ایسے تلخ سوال نہ پوچھو
خوش فہمی کے جال نہ پوچھو
زرداروں کی چال نہ پوچھو
کس کس روپ میں یہ کرتے ہیں
اپنا استحصال نہ پوچھو
کتنے جگنو مر جاتے ہیں
کتنے خواب بکھر جاتے ہیں
نازک کلیوں کے دامن میں
کتنے خار چبھو جاتی ہیں
روشن چہروں کی دنیا میں
چپ کا زہر سمو جاتی ہیں
راتیں لمبی ہو جاتی ہیں
٭٭٭


اپنی قسمت سے ہم کو مفر ہی نہیں
لاکھ مانگو دعائیں اثر ہی نہیں
منزلوں کے تعین سے کیا فائدہ
کوئی جگنو سرِ رہگذر ہی نہیں
شوق رسوائیوں کا سبب بن گیا
ورنہ سجدوں کے لائق تو سر ہی نہیں
تھک گئیں آندھیاں ڈھونڈتے ڈھونڈتے
اپنا کوئی زمانے میں گھر ہی نہیں
کم سنو! رائیگاں یوں نہ پتھر کرو
اس شجر پر تو کوئی ثمر ہی نہیں
ہم مسلماں ہوئے بھی تو آ کر کہاں
پوجنے کو ترا سنگِ در ہی نہیں
بے وفائی کی امید کس سے کریں
زندگی میں کوئی ہم سفر ہی نہیں
قید کرنے کا ہم کو تکلف نہ کر
ہم کہاں جائیں گے، بال و پر ہی نہیں
٭٭٭




حالات کو لفظوں میں گرفتار تو کر لیں
تحریر کو آئینۂ افکار تو کر لیں
کر دینا ہمیں شوق سے پابندِ سلاسل
ہم جرم کوئی برسرِ بازار تو کر لیں
تم بارگہِ جبر کی تعمیر تو کر لو
ہم سجدۂ تسلیم سے انکار تو کر لیں
لوٹیں گے مزے گرمیِ  آغوشِ سحر کے
کہسارِ شبِ تار کو مسمار تو کر لیں
ساحل کی تمنا بھی بڑی چیز ہے لیکن
اعصاب کو آسودۂ منجدھار تو کر لیں
پھر تندیِ  طوفاں کی شکایت بھی بجا ہے
بند اپنا کوئی روزنِ دیوار تو کر لیں
ہم راہزنوں سے بھی کئی بار لٹیں گے
گمراہ ابھی قافلہ سالار تو کر لیں
٭٭٭




خشک آنکھوں میں اذیت کے سمندر رکھنا
کتنا مشکل ہے کوئی حشر دبا کر رکھنا
آشیانوں کی تباہی سے پتہ چلتا ہے
اس جگہ راس پرندوں کو نہیں پر رکھنا
میں بھی تخفیفِ سزا کے لیے تیار نہیں
رحم کی تم بھی نہ امید ستم گر رکھنا
رکھ دیا ہے مجھے میزانِ بغاوت میں اگر
میری قیمت بھی مرے قد کے برابر رکھنا
کوئی مقتل نہ رہے میرے لہو سے محروم
میرے معبود مجھے ایسا تونگر رکھنا
مل گیا ہے تری دہلیز پہ مرنے کا شرف
آگیا کام ترا ہاتھ میں خنجر رکھنا
خون کا رنگ بدل جائے تو رشتے ہیں عبث
بٹ گیا صحن تو دیوار میں کیا در رکھنا
٭٭٭


سرزمینِ وطن

سرزمینِ وطن! میں ترا نغمہ گر
اپنے سینے میں فرطِ محبت لیے
اپنے لفظوں میں رنگِ عقیدت لیے
دل کے جذبوں کو اظہار میں گھول کر
اپنا احساس خوشبوؤں میں تول کر
تیرے صحراؤں کو، تیرے دریاؤں کو
تیرے زرپوش شہروں، ترے گاؤں کو
تیری تقدیس کو، تیری تکریم کو
اپنے شعروں کا عنواں بناتا رہوں
زندگی بھر ترے گیت گاتا رہوں
تیرے مزدور سب تیرے دہقاں سبھی
تیری زینت تری دلکشی کے لیے
تیری مٹی کو سونا بناتے رہیں
تیرے ماتھے پہ جھومر سجاتے رہیں
سرزمینِ وطن! میں ترا نغمہ گر
چاہتا ہوں کہ تو ارضِ انصاف ہو
تیرے محنت کشوں کا لہو ہر طرف
بہہ رہا ہے پسینے کی صورت یہاں
اک ترے اہلِ زر جن کی دلچسپیاں
جن کی سب کوششیں جیسے مرکوز ہیں
صرف اپنے تلک، اپنی خوشیوں تلک
شیش محلوں کے ذیشاں مکینوں کو کیا
تیرے نو خیز معصوم بچے یہاں
ہوٹلوں چائے خانوں کی زینت بنے
برتنوں کی صفائی پہ مامور ہیں
کتنے بدحال ہیں کتنے مجبور ہیں
ان کی تعمیر کی کوئی صورت نہیں
کیا انہیں پرورش کی ضرورت نہیں؟
ان کے ہونٹوں پہ اے سر زمینِ وطن
گرچہ آوازِ حرفِ شکایت نہیں
سرخ آنکھیں مگر کہہ رہی ہیں کہ تو
ان کے معصوم خوابوں کی جنت نہیں
٭٭٭




ردائے تیرگی کے نام سے ہم ڈر نہیں جاتے
کہ سورج قید کرنے سے اجالے مر نہیں جاتے
کوئی دیکھے نہ دن بھر کی تھکن مایوس چہروں پر
دیے جلتے ہیں لیکن دیر تک ہم گھر نہیں جاتے
ہمیں تھامے رہو جب تک یہ سانسیں رک نہیں جاتیں
برسنے دو یہ مرہم زخم جب تک بھر نہیں جاتے
کوئی سائل یہاں انصاف کی امید مت رکھے
کہ لوگ اب کام کرنے کے لیے دفتر نہیں جاتے
ہمارے ضبطِ پیہم سے کہیں یہ مت سمجھ لینا
تمہارے شیش محلوں کی طرف پتھر نہیں جاتے
بھروسہ ہو جنہیں خود پر وہ لوگ اغیار کی جانب
چھپا کر آستینوں میں کبھی خنجر نہیں جاتے
جنہیں مقتل میں لا کر زندگی کی بھیک دی جائے
وہ سالم لے کے اپنی گردنوں پر سر نہیں جاتے
٭٭٭




ہر قدم راہِ طلب کا رائیگاں ہو جائے گا
کوئی رہزن جب امیرِ کارواں ہو جائے گا
پچھلے دروازے سے چاہے گا گزرنا ہر کوئی
خونِ انساں لذتِ نوکِ زباں ہو جائے گا
کب تلک سہ پائے گا ضبطِ مسلسل کا دباؤ
ہوتے ہوتے شہرِ دل آتش فشاں ہو جائے گا
فاصلوں کی اہمیت اس وقت کیا رہ جائے گی
وصل بھی میرے لیے جب غم رساں ہو جائے گا
میں بجھا دوں گا چراغِ منتظر کو اور وہ
حلقۂ اغیار کا روحِ رواں ہو جائے گا
جل رہی ہے جس طرح بیروزگاری کی چتا
رفتہ رفتہ اک جہنم ہر مکاں ہو جائے گا
٭٭٭




کچھ سرِ بزم، زیادہ پسِ دیوار رہا
گویا اک حشر سا برپا پسِ دیوار رہا
برف سی ایک جمی بر لبِ اظہار رہی
اک الاؤ سا مچلتا پسِ دیوار رہا
ہم سرِدار پہنچ کر بھی نہ خاموش رہے
تو کہ اوہام میں الجھا پسِ دیوار رہا
تجھ کو کھونے کی اذیت، ہمیں مرغوب رہی
تجھ کو پانے کا تقاضا پسِ دیوار رہا
جانے کیوں عشق سرِ عام ہے رسوا رسوا
جانے کیوں حسن کا چرچا پسِ دیوار رہا
تلخ ماضی کی حکایات رہیں پیشِ نظر
نرم خوابوں کا جزیرہ پسِ دیوار رہا
خون رستا رہا ماحول کی شریانوں سے
فاختاؤں کا بسیرا پسِ دیوار رہا
٭٭٭



وقت کا فیصلہ ہے کہ ہم عمر بھر خواہشوں کی صلیبوں پہ لٹکے رہیں
بھر کے آنکھوں میں برسوں کی ویرانیاں رتجگوں کی صلیبوں پہ لٹکے رہیں
یہ تیری بے نیازی کھٹکتی بھی ہے دل بضد ہے مگر ایک ہی بات پر
ہم تری دوستی کے بدلتے ہوئے موسموں کی صلیبوں پہ لٹکے رہیں
باغباں تیرے دستِ ستم گر نے سب گلستاں کر کے برباد تو رکھ دیا
خشک پتے مگر اس طرح کب تلک ٹہنیوں کی صلیبوں پہ لٹکے رہیں
اپنی جھولی کے روزن چھپائے ہوئے کنجِ تنہائی میں چھپ کے بیٹھے رہیں
اپنی بے چہرگی کو اٹھائے ہوئے آئنوں کی صلیبوں پہ لٹکے رہیں
شاید اس کی نگاہِ کرم کے لیے اپنے دیوار و در کچھ مناسب نہیں
دل کے مجروح جذبوں سے کہہ دو ابھی دھڑکنوں کی صلیبوں پہ لٹکے رہیں
شرطِ اول ہے اہلِ جنوں کے لیے روزِ اول سے لے کر قیامت تلک
رہگذاروں میں آنکھیں بچھائے ہوئے آہٹوں کی صلیبوں پہ لٹکے رہیں
کچھ تمہارا چلن آمرانہ سا ہے کچھ ہماری روش باغیانہ سی ہے
آؤ دونوں اصولوں پہ قائم رہیں فاصلوں کی صلیبوں پہ لٹکے رہیں
یہ بھی کیا زندگی ہے کہ جو زندگی اپنی اقدار سے خود ہی محروم ہے
یہ بھی کیا ضابطہ ہے کہ خود ضابطے ضابطوں کی صلیبوں پہ لٹکے رہیں	٭٭٭


٭٭٭


تشکر: عمران شناور جنہوں نے ان پیج فائل فراہم کی
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
