ساتھی کہانی سنو
جریدہ ’ساتھی‘ کی کہانیاں
جمع و ترتیب: اعجاز عبید
بھوت کے تعاقب میں
حماد ظہیر
کالج میں داخل ہوتے ہی گڑ بڑ دیکھ کر ہم نے اندازہ لگا لیا کہ وہاں شجاعت مرزا موجود ہیں ۔ وہ جہاں جاتے کوئی نہ کوئی گل کھلا کر رہتے۔ کالج جیسی خشک اور بنجر زمین بھی ان سے محفوظ نہ تھی۔ تبھی ہم کہتے۔
دشت تو دشت ہیں ، صحرا بھی نہ چھوڑے تم نے!
ہمارا خیال تھا کہ کالج میں ‘’سال’‘ بھر ‘’خشک سالی’‘ رہتی جبکہ مرزا کہتے کہ یہ لڑکوں کا کالج ہے یہاں خشک ‘’سالے’‘ رہتے ہیں ۔
اسکول کے مقابلے میں کالج اتنی بور جگہ تھی کہ وہاں مکھیاں اور مچھر تک نہ آتے تھے۔ اگر کوئی بھولی بھٹکی مکھی یا مچھر وہاں آ بھی گیا ہو گا تو اساتذہ کی خشک اور طویل بحث سن کر جانبر نہ رہ سکا ہو گا۔
وہاں سبزہ تھا نہ ہریالی، باغ تھا نہ کیاری۔ ریت اور مٹی کا ایک سمندر تھا جس سے دھول کی لہریں اٹھتی رہتی تھیں ۔ بیچوں بیچ ایک کچرا کنڈی تھی جو شجاعت کے مطابق کبھی فوارہ رہی ہو گی۔
گڑ بڑ کی وجہ معلوم کرنے ہم مجمع کی طرف بڑھے ہی تھے کہ ہمیں کچھ فاصلے پر شجاعت مرزا برے برے منہ بناتے دکھائی دیئے۔
‘’ کیا ہو گیا بھئی؟’‘ ہم نے سرسری انداز میں پوچھنے کی کوشش کی کیونکہ زور دے کر تو مرزا سے کچھ اگلوانا ناممکن تھا۔
‘’ یہ سب لوگ سِک روم کے باہر جمع ہو کر احتجاج کر رہے ہیں ۔’‘ ہم نے دیکھا کہ مجمع واقعی سِک روم کے باہر ہی کھڑا تھا۔
‘’کیوں ؟’‘ ہم نے پوچھا۔
‘’ ان کا کہنا ہے کہ جب سِک روم کے باہر ‘’بیمار کمرہ’‘ لکھا ہے تو باقی سب کمروں کے باہر ‘’صحت مند کمرہ’‘ لکھا ہونا چاہیے ورنہ وہ ان میں نہیں پڑھیں گے۔’‘
ہمارا منہ بن گیا۔ ہمیں خاموش دیکھ کر مرزا خود ہی بولے’’ ایک چپڑاسی کو آج صبح کسی بھوت نے ڈس لیا ہے۔ وہ اندر بے ہوش پڑا ہے۔’‘
‘’ ہائیں ! تم تو ڈنک مارتے تھے، یہ ڈسنا کب سے شروع کر دیا۔’‘ہم جل کر بولے اور تفصیلات کے لئے سِک روم کی طرف بڑھ گئے۔
معلوم ہوا کہ آخری منزل پر بنے کونے والے کمرے میں یہ واقعہ پیش آیا۔ یہ کمرہ نہیں بارہ ڈی تھا، جسے اسٹور کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ چپڑاسی صاحب جب وہاں سے فاضل کرسی لینے گئے تو ان کے سر پر نامعلوم اطراف سے اوپر تلے سات ڈنڈے پڑے جس سے ان کے چودہ طبق روشن ہو گئے۔ باہر نکل کر انہوں نے یہ واقعہ جلدی جلدی کچھ لوگوں کو سنایا اور زخموں کی تاب نہ لا کر بے ہوش ہو گئے۔
ابتدائی طبی امداد شاید اسی وقت دے دی گئی تھی، اب اختتامی طبی امداد دی جا رہی تھی۔ سیدھا سیدھا وہم اور خوف کا کیس تھا، جس کو ہوا بنا لیا گیا تھا۔
مجمع میں گھل مل کر ہم اندر پہنچے تاکہ چپڑاسی کی شکل دیکھ لیں اور بعد میں اسے سمجھا بجھا سکیں کہ یہ بھوت پریت محض خیالی کرائے دار ہوتے ہیں ۔ جس شخص کی اوپری منزل خالی دیکھتے ہیں ، ڈیرہ ڈال دیتے ہیں ۔
لیکن چپڑاسی کو دیکھنے کے بعد ہمیں اس کی باتیں سچ لگنے لگیں ۔ اس کے سر پر واقعی دو تین گومڑے موجود تھے۔ کمپاؤنڈر طلبہ پر اپنی قابلیت کا رعب جھاڑنے کی کوشش کر رہا تھا ‘’ جب چھوٹے مچھر انسان کو کاٹتے ہیں تو چھوٹے دانے نکلتے ہیں ، جب بڑے سے بھوت نے کاٹا ہے تو یہ بڑے بڑے دانے نکل آئے ہیں ۔’‘
لڑکوں کے چہروں پر بے یقینی دیکھ کر اس نے فوراً اپنا موضوع تبدیل کیا اور بولا۔
‘’بارہ ڈی کے کیسز پہلے بھی میرے پاس آتے رہے ہیں ، لیکن وہ اتنے سنجیدہ نہ تھے۔’‘‘’ کیا وہ بہت پر مزاح ہوتے تھے؟’‘ ایک لڑکے نے صدا لگائی۔
‘’وہاں خطرناک قسم کے جن بھوت رہتے ہیں اور بارہ ڈی ان کی پارلیمنٹ ہے۔ یہ جو کرسی اٹھا رہا تھا وہ یقیناً چیئرمین کی ہو گی۔’‘ ایسی کرسی کے لئے تو قتل تک ہو جاتے ہیں ، یہ تو پھر زخمی ہی ہوا ہے۔’‘
ہم باہر نکلے اور لگے مرزا کو تلاش کرنے، وہ ہمارے لیے بیساکھی کی مانند تھے ، جس کے بغیر ہم خود کو اپاہج خیال کرتے تھے۔ لیکن یہی بیساکھی مل جانے کے بعد ہم ہزار میٹر کی ریس میں بھی اچھے اچھوں کو ہرا سکتے تھے۔
مرزا کا کوئی سر پیر نہ ملا اور ہم اکیلے ہی بارہ ڈی کا جائزہ لینے چل پڑے۔وہاں پہنچے تو شجاعت مرزا کو دروازے کے باہر گہری سوچوں میں غرق پایا۔
‘’اسم بالمسمٰی ہونے کی وجہ سے تم سے یہ تو پوچھنا ہی فضول ہے کہ تم اندر کیوں نہیں گئے۔’‘ ہم نے فقرہ کسا۔
شجاعت کی خاص الخاص بات یہ تھی کہ اگر اسے اٹھا کر گھڑ میں بھی پھینک دو، تب بھی ناراض نہ ہوتا تھا، جبکہ ہم کسی کی ‘’ہونہہ’‘ پر ہی منہ بسور لیتے تھے۔
‘’یار.... دراصل میں وہ بھول آیا ہوں ۔’‘ انہوں نے اپنی کھوپڑی کی طرف اشارہ کیا۔
‘’ کیا چیز.... عقل؟؟؟’‘ ہم حیرت سے بولے۔
‘’ نہیں بھئی.... ہیلمٹ .... اس کے بغیر اندر گئے تو سر کو چار چاند لگ جائیں گے۔’‘
‘’ڈرپوک ! میں تو جا رہا ہوں اندر۔’‘ ہم یہ کہہ کر دروازے کی طرف بڑھے لیکن یہ دیکھ کر ہمارا منہ بن گیا کہ وہاں ایک موٹا تازہ تالا پڑا خونخوار نظروں سے ہمیں گھور رہا تھا۔
٭....٭
انچارج نے تالا کھولنے سے صاف انکار کر دیا تو ہم نے اجازت طلب کرنے کے لئے پرنسپل صاحب کے دفتر کا رخ کیا۔
‘’تمہارا نام شجاعت ہے نا؟’‘ انہوں نے مرزا سے پوچھا۔ ہم شجاعت سے کسی تگڑے سے جواب کی توقع کر رہے تھے۔ مگر انہوں نے نظریں جھکا لیں اور خوب شرماتے ہوئے بولے۔ ‘’جج.... جی!’‘
ہم نے سرگوشی کی۔ اتنا بھی مت شرماؤ، یہ تمہارے سسر تھوڑا ہی ہیں ۔’‘
‘’ تمہارے اسکول کے کچھ کارنامے میں سن چکا ہوں ۔’‘ پرنسپل صاحب پھر بولے۔
‘’باقی سارے میں سناؤں ؟’‘ ہم ہاتھ کھڑا کر کے بے ساختہ بولے۔’’ مگر پھر پرنسپل صاحب کو گھورتا دیکھ کر جھینپ گئے اور ہاتھ نیچے کر لیا۔
‘’اب سنانے کا نہیں ، بلکہ کارنامہ دکھانے کا وقت ہے۔ بارہ ڈی کے اندر کافی فرنیچر پڑا ہے، کسی طرح اسے نکالنا ہے تاکہ پھر اس کمرے کو ہمیشہ کے لئے بند کر دیا جائے۔’‘پرنسپل صاحب نے مسئلہ بتایا۔
‘’ کیوں کیوں کیوں ؟’‘ اس مرتبہ شجاعت سے رہا نہ گیا۔
‘’ وہاں واقعتاً خوفناک بھوت پریت ہیں ۔’‘ ایک دو عامل بھی اپنا سر پھڑوا کر ناکام واپس بھاگ چکے ہیں ۔’‘
‘’ اس کا حل تو بہت آسان ہے.... آپ نے کالج کے اندر سگریٹ پینے پر پابندی لگائی ہوئی ہے نا، بارہ ڈی میں اجازت دے دیجئے....’‘ شجاعت نے ہاتھ جھاڑے۔
‘’اس سے کیا ہو گا؟’‘ پرنسپل صاحب حیرت سے بولے۔
‘’بھوتوں کے اچھے بھی وہاں سے بھاگتے نظر آئیں گے۔ میری خالہ کہتی ہیں کہ کسی کمرے میں پانچ مچھر مار کوائل جلاؤ یا ایک سگریٹ پی لو بات برابر ہے، دونوں سے برابر زہر نکلتا ہے۔ میرے خالو اخبار پڑھنے کے دوران ایک سگریٹ ضرور پیا کرتے تھے۔ ایک مرتبہ انہوں نے دوسرا سلگایا تو چھت سے ایک چھپکلی بے ہوش ہو کر ٹپک پری۔ وہ بھی روزانہ اوپر بیٹھ کر دھواں سونگھا کرتی تھی، اس دن نشہ بڑھ گیا تو اپنے قدموں پر کھڑی نہ رہ سکی۔’‘
‘’ کیا بکواس کر رہے ہو میں نے بارہ ڈی کے متعلق پوچھا تھا؟’‘ پرنسپل صاحب جھلا کر بولے۔
‘’ بس یہ آخری دلیل ہے۔’‘ شجاعت مرزا بولے۔
‘’ ایک چوہا روزانہ خالو کی ڈبی سے ایک سگریٹ چرا کر بھاگ جاتا تھا۔ ایک مرتبہ کئی روز تک ایسا نہ ہوا تو خالو نے اس کے بل پر جا کر اس کی خبر لی۔ معلوم ہوا کہ کثرت تمباکو نوشی سے اس کے پھیپھڑے شدید متاثر ہوئے تھے اور اسے گردن کا کینسر بھی ہو گیا تھا۔ خالو نے بھی اس کے بعد سے سگریٹ پینے چھوڑ دیئے!’‘
‘’بارہ ڈی کالج کے اندر ہی آتا ہے، وہاں کسی کو نشہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔’‘ پرنسپل صاحب نے حتمی فیصلہ سنایا۔
‘’پھر آپ ہمیں اجازت دیں کہ ہم دونوں از خود اس معاملہ سے نمٹیں !’‘ ہماری خواہش زبان پر آ گئی۔
‘’ٹھیک ہے، لیکن میں بھی تمہارے ساتھ چلوں گا....’‘ پرنسپل صاحب نے حامی بھری۔ ہم نے دبے لفظوں میں ان کا جملہ مکمل کیا۔
‘’تاکہ تم لوگ اکیلے اکیلے ہی ہیرو نہ بن جاؤ۔’‘
٭....٭
انچارج نے تالا کھولا اور سر پر پاؤں رکھ کر بھاگا۔ اس نے پیچھے مڑ کر بھی نہ دیکھا۔ جاتے جاتے ہمیں خوف کا ٹھیک ٹھاک تاثر دے گیا۔
‘’چلئے سر۔’‘ ہم ہاتھ آگے کر کے احتراماً بولے۔
‘’ نہیں بھئی پہلے تم لوگ.... سنا نہیں کہ عورتیں اور بچے پہلے!’‘ پرنسپل صاحب ایثار و قربانی کا پیکر بن گئے۔شجاعت دروازہ کھول کر اندر داخل ہوا۔ پیچھے پیچھے ہم تھے۔ اندر کا ماحول کافی پراسرار لگ رہا تھا۔ اندھیرا ماحول، دھول مٹی کی تہیں ، بے ہنگم انداز میں بکھری کرسیاں اور میزیں ایک عجیب سا تاثر قائم کر رہی تھیں ۔
‘’یہ اتنے بہت سے ڈنڈے یہاں کیوں پڑے ہیں ؟’‘ شجاعت نے ماحول کے رعب میں آنے کے بجائے اس کا جائزہ لیتے ہوئے پوچھا۔
‘’ کسی زمانے میں یہاں کے اساتذہ انہیں بطور ‘’مولا بخش ‘‘ استعمال کیا کرتے تھے۔ مارا تو کم ہی جاتا تھا، صرف ڈرانے کے لئے استعمال ہوتے تھے۔’‘ پرنسپل صاحب نے بتایا۔
‘’ اب یہ بارہ ڈی میں بند ہیں تو پورا کالج اس کمرے سے ڈرتا ہے۔’‘
ہم آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر ہر چیز کو بغور دیکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ہماری غفلت کا فائدہ اٹھا کر شجاعت نے ایک ڈنڈا بھرپور طریقے سے ہماری کھوپڑی پر رسید کر دیا۔ ہماری آنکھوں کے سامنے تارے ناچ گئے۔ ہم غضب ناک ہو کر پیچھے مڑے تو دیکھا کہ شجاعت کے ہاتھ میں کوئی ڈنڈا نہیں ہے، وہ خود اپنا سر پکڑے پیچھے کھڑے پرنسپل صاحب کو دیکھ رہا ہے۔
‘’نامعقول پرنسپل.... کیا یہ تمہاری شرارت ہے؟’‘ ہم نے سوچا اور پرنسپل صاحب کو دیکھا۔ ان کے آس پاس تو کیا، دور دور تک کوئی ڈنڈا نہ تھا اور وہ خود اپنا سر تیز تیز سہلانے میں مصروف تھے۔
ہم تینوں ہی کے چہروں پر تشویش ابھر آئی۔ کچھ دیر سوچنے کے بعد شجاعت نے اوپر چھت کی طرف دیکھا۔ ہم نے بھی نظریں اٹھا دیں ۔
کوئی گویا اسی موقع کے انتظار میں بیٹھا تھا۔ ہم تینوں کے سر پر ایک ایک ڈنڈا اور بھرپور طاقت سے رسید کیا گیا۔ ہمارے تو تن بدن میں آگ لگ گئی ، جبکہ پرنسپل صاحب بے چارے اس مرتبہ ضبط کا مظاہرہ نہ کرسکے اور ان کی چیخ نکل گئی۔
‘’ بچاؤ بچاؤ¶!’‘ وہ بچوں کی طرح چلائے اور حواس باختہ ہو کر دروازے کی طرف دوڑ لگا دی۔ شاید ہوا ہی سے ہوا ہو.... مگر دروازہ بھی اسی وقت بند ہو گیا۔
کمرے کا اندھیرا مزید گہرا جبکہ ماحول مزید ڈراؤنا ہو گیا۔ اب تو ہمارے سروں پر تاک تاک کر ڈنڈے برسائے جانے لگے۔ یوں لگا کہ مارنے والوں کو بڑی فرصت ہے۔ ہمارے سروں پر گویا ڈرم بجا رہے تھے۔ ہماری تو ہوا اکھڑ گئی اور ہم ‘’امی! امی....’‘ کہہ کر رونا شروع ہو گئے۔ پرنسپل صاحب کا حال بھی مختلف نہ تھا۔ شجاعت شاید اپنے نام کی لاج رکھنے کی کوشش کر رہا تھا۔ وہ بولا۔
‘’ اپنے سوئٹر کو سر پر کر لو اور یہ ڈنڈے جلدی جلدی اٹھا کر کھڑکی سے نیچے پھینکو۔’‘
اس نے ایک کھڑکی کھولی تو کچھ روشنی اور تازہ ہوا اندر آئی۔ ہماری بھی کچھ جان میں جان آئی۔ ہم نے ڈنڈے اٹھا اٹھا کر نیچے پھینکنے شروع کر دیئے۔
سارے ڈنڈے پھینک چکنے کے بعد دروازے پر زور آزمائی شروع کی تو وہ بھی کھل گیا۔ پرنسپل صاحب ابھی تک اپنے کوٹ کے اندر سر چھپائے کپکپا رہے تھے۔
‘’سر! دروازہ کھل گیا، باہر چلیں ۔’‘
وہ کوٹ سے منہ نکالے بغیر ہی اندازے سے دروازے کی طرف لپکے اور اندھیرے میں دیوار سے ٹکرا کر چاروں شانے چت گر پڑے۔
وہ مدہوشی سے بے ہوشی کی طرف پرواز کر چکے تھے۔
٭....٭
‘’ پرنسپل صاحب بھوتوں سے معاملات طے کرنے گئے تھے، لیکن یہ مذاکرات ناکام ہو گئے۔ بھوتوں کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پہلے کالج کے بجلی کے نظام کو بہتر بنایا جائے کیونکہ جگہ جگہ شاٹ سرکٹ ہونے سے بھوتوں کی قیمتی جانوں کا نقصان ہوتا ہے۔’‘ کمپاؤنڈر کہہ رہا تھا جبکہ پرنسپل صاحب کی مزاج پرسی کو آئی ہوئی طلبہ کی بڑی تعداد سِک روم اور اس کے باہر جمع تھی۔
پرنسپل صاحب ہوش میں آ کر بولے۔ ‘’ بارہ ڈی کو فوراً لاک کراؤ اور اس کی چابی کو آتش دان میں ڈال کر پگھلا دو.... جاؤ جلدی ۔’‘
‘’ لیکن کیوں .... ہم ایک بھوت سے کیوں ڈریں ۔’‘ شجاعت نے جرح کی۔
‘’ اس لیے کہ وہ بہت طاقتور ہے۔ اسے ایک کمرے ہی میں رہنے کی اجازت دے دو تاکہ وہ باقی سارے کالج میں دخل اندازی سے باز رہے۔’‘ پرنسپل صاحب خوفزدہ لہجہ میں بولے۔
‘’ اگر ہم نے اس سے ڈر کر ہار مان لی تو وہ ایک کمرے میں نہیں ہم سب کے ذہنوں پر راج کرے گا، ہم سب کو مل کر آج ہی اس کا بھرکس نکال دینا چاہیے۔’‘
‘’ کیونکہ دشمن کا کچومر نکال دینا عین عقل مندی ہے۔’‘ ہمیں بھی کہیں پڑھا ہوا قول یاد آ گیا۔
‘’ لیکن یہ ہو گا کیسے؟’‘ پرنسپل صاحب نے استفسار کیا۔
‘’ آپ کے بے ہوش ہونے کے بعد ہم نے بھوتوں کو ان بوریوں میں جکڑ دیا جن میں پرانی ردّی وغیرہ بھری تھی۔ مجھے کچھ خاص عمل آتے ہیں جنہیں میں نے استعمال کیا۔ اب اگر ان بوروں کو فوراً جلا نہ دیا گیا تو بھوت پھر سے آزاد ہو سکتے ہیں ۔’‘
پرنسپل صاحب نے سہمے سہمے انداز میں سر ہلا دیا۔ گویا کمانڈ شجاعت کے ہاتھ آ گئی۔ اسے لیڈر بننے کے لئے فقط چیونٹی کی پھونک درکار ہوتی تھیجس کے بعد وہ ہواؤں میں اڑنے لگتا ۔ وہ کسی سپہ سالار کی طرح اپنی فوج سے خطاب کر رہا تھا۔
‘’دوستو! خدا کو یہ کام تمہارے ہی ہاتھوں سے لینا منظور تھا۔ آج کے بعد بارہ ڈی میں کسی بھوت کا سایہ بھی پر نہیں مارے گا۔ تم سب لوگ ہاتھوں میں درخت کی ٹہنیاں وغیرہ تھام لو، پیچھے بہت سے ڈنڈے پڑے ہیں انہیں اٹھا لو اور میرے ساتھ ساتھ آؤ۔’‘
جب ہم آگے آگے بارہ ڈی کی طرف جا رہے تھے اور ہمارے پیچھے پر جوش نعرے لگاتا ڈنڈا برداروں کا لشکر تھا تو ہم نے مرزا کے کان میں سرگوشی کی۔
‘’ یہ کیا ڈرامہ کرنے جا رہے ہو؟’‘
‘’دنیا میں کوئی بھوت ایسا نہیں جس کے لئے لاتیں موجود نہ ہوں ۔’‘
‘’ مگر وہ تو یقیناً کسی گیس کا اثر تھا، جس سے سر میں ٹیسیں اٹھتی تھیں ، کھڑکی کھلنے کے بعد تو وہ ختم ہو گیا تھا۔’‘ہم نے گویا حقیقت بتانا چاہی۔
‘’ گومڑے کہاں سے نکل آتے تھے؟’‘ شجاعت نے گویا دلیل دی ۔
‘’ وہ تو خوف سے اِدھر اُدھر ٹکرانے کا نتیجہ تھے۔’‘ ہمارے پاس بھی مکمل توضیح تھی۔
‘’سچی مچ بھی بھوت ہوتے ہیں .... مان لو۔’‘
‘’ کہاں ہوتے ہیں ؟’‘ ہم نے پوچھا۔
‘’ کشمیر میں .... جنہیں یہ سوچ کر ظلم کرنے کی آزادی دے دی جاتی ہے کہ اگر ان کے کام میں مداخلت کی گئی تو پورے ملک میں گھس آئیں گے۔ اگر ان سے کشمیر میں لڑا گیا تو پورے ملک میں خانہ جنگی شروع ہو جائے گی۔ ہمارے حکمراں یہ بھول گئے کہ مومن اگر ثابت قدم رہے تو اپنے سے دس گنا بڑے دشمن پر قابو پا سکتا ہے۔ نتیجتاً بھارت کا قبضہ صرف کشمیر پر ہی نہیں بلکہ ہم سب کے ذہنوں پر بھی ہوتا جا رہا ہے۔ یہ ہوا ہے، صرف ہوا.... ورنہ ہندوستان ایک ڈنڈے کی مار ہے.... صرف ایک ڈنڈے کی.... کوئی آنکھیں دکھانے والا تو ہو۔’‘ شجاعت کا چہرہ سرخ ہو گیا۔ آنکھیں شعلہ اگلنے لگیں ۔ خود ہمیں اس سے خوف محسوس ہونے لگا، اور ہم اس سے کچھ فاصلے پر ہو گئے۔
٭....٭
لڑکوں کو ایک مشغلہ ہاتھ آ گیا تھا۔ انہوں نے ردّی کے بوروں کی وہ دھنائی کی کہ وہ پھٹ پھٹ کر بکھر گئے۔ پھر انہیں بحفاظت نذرِ آتش کیا گیا اور قضیہ تمام ہوا۔ساری کھڑکیاں کھول دی گئی تھیں ۔ صفائی وغیرہ کرا کے وہاں سفید رنگ پھیرا گیا اور پھر بارہ ڈی کو لیبارٹری بنا دیا گیا، جو کسی بھی کالج کی مصروف ترین جگہ ہوا کرتی ہے۔ آج وہاں نہ بھوت ہے نہ بھوت زاد۔ بس کبھی کبھی شیلف میں رکھی شیشیاں کھڑکتی ہیں ، گویا کسی بہت بڑے بھوت کو اس کی بے بسی پر ہنس ہنس کر منہ چڑا رہی ہوں ۔
٭٭٭
صدی کا بیٹا
شان مسلم
مغرب کی نماز ختم ہو چکی تھی۔ آسمان پر شفق کی سرخی ماند پڑ رہی تھی اور ستارے اپنی جلوہ نمائی کے لیے بے چین تھے۔ ایسے میں شاہی قلعہ لاہور کے عقوبت خانے کے چند قیدی نماز کے بعد ذکر و اذکار میں مصروف تھے کہ اچانک فوجی بوٹوں کی دھمک سنائی دی جو آہستہ آہستہ قریب آتی گئی۔
‘’ آپ میں سے مولانا مودودی کون ہیں ؟’‘ آنے والے چند فوجی افسران میں سے ایک فوجی افسر نے قیدیوں سے دریافت کیا۔
‘’ میں ہوں مودودی....’‘ ایک با وقار اور پرسکون آواز سنائی دی۔
‘’ آپ کو ’قادیانی مسئلہ ‘ نامی پمفلٹ لکھنے کی پاداش میں (جس میں آپ نے قادیانیوں کو کافر قرار دیا ہے) مارشل لاء کی فوجی عدالت نے موت کی سزا سنائی ہے۔ آپ اس فیصلے کے خلاف عدالت سے کوئی اپیل نہیں کر سکتے۔ صرف گورنر جنرل صاحب سے سات دل کے اندر رحم کی اپیل کر سکتے ہیں ۔
موت کی سزا کا فیصلہ سن کر مولانا کا چہرہ تمتما اٹھا، جیسے بہت ہی زیادہ خوشی کی خبر ملنے پر انسان کا چہرہ سرخ ہو جاتا ہے۔مولانا نے سزا سن کر فرمایا۔
‘’ مجھے کسی سے کوئی درخواست اور رحم کی اپیل نہیں کرنی، موت کے فیصلے زمین پر نہیں آسمان پر ہوتے ہیں ۔ اگر میرے پروردگار نے مجھے اپنے پاس بلانا منظور کر لیا ہے تو بندہ خوشی سے اپنے رب سے جا ملے گا اور اگر اس کا حکم ابھی نہیں آیا تو پھر چاہے یہ الٹے لٹک جائیں مجھ کو ہر گز نہیں لٹکا سکتے۔’‘
سزائے موت کا اعلان ریڈیو پر ہوا تو پاکستان سمیت پورے عالم اسلام میں کہرام مچ گیا۔ متعدد اسلامی ممالک نے درخواست کی کہ اگر پاکستان کو مولانا مودودی جیسے عظیم المرتبت مفکر اور عالم کی ضرورت نہیں ہے تو انہیں ہمارے پاس بھیج دیا جائے اور پھر حکومت اس عوامی ردِ عمل ، بیرونی دباؤ اور مولانا مودودیؒ کی حق گوئی اور جوانمردی کے آگے نہ ٹھہر سکی اور بالآخر اسے سزائے موت کا فیصلہ واپس لینا پڑا۔
آپ کا نام سید ابوالاعلیٰ مودودی رحمۃ اﷲ علیہ تھا۔ مولانا مودودیؒ ۲۵ ستمبر ۱۹۰۳ ء کو ریاست حیدر آباد دکن کے مشہور شہر اورنگ آباد میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد نے آپ کی بہت بہترین تربیت کی۔
مولانا مودودی ؒ فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ میں نے ایک ملازم کے بچے کو مارا تو میرے والد صاحب نے اس بچے کو بلا کر کہا ‘’تم بھی اسے مارو۔’‘ مولانا کہتے ہیں کہ اس واقعے میں مجھے ایسا سبق ملا کہ پھر زندگی بھر میرا ہاتھ کبھی زیردست پر نہیں اٹھا۔
آپ کے والد صاحب نے نو سال تک آپ کی ابتدائی تعلیم کا بندوبست گھر پر کیا تاکہ آپ کی تربیت خالص اپنی نگرانی میں کر سکیں ۔ اساتذہ آپ کو عربی زبان ، فقہ اور حدیث کی تعلیم دینے آیا کرتے۔ یہی وجہ ہے کہ مولانا فرماتے ہیں گھر کی یہ تعلیم میرے لیے مدرسے کی تعلیم سے زیادہ مفید ثابت ہوئی۔
۱۹۱۵ءمیں آپ ابھی بارہ سال کے تھے کہ سیرت نبوی ﷺ لکھنی شروع کر دی۔ پندرہ سال کی عمر میں اپنے بڑے بھائی کے ساتھ اخبار نویسی کے میدان میں قدم رکھا اور سترہ سال کی عمر میں ہی روزنامہ اخبار ‘’تاج’‘ کے مدیر بن گئے۔ یہی وہ زمانہ تھا جب آپ کے والد محترم کا سایہ آپ کے سر سے اٹھ گیا۔
۱۹۱۶ءسے ۱۹۲۱ء تک کا زمانہ آپ کے لیے سخت کوشی اور مصائب و مشکلات کا زمانہ تھا ۔ تعلیم کا سلسلہ منقطع ہو چکا تھا۔
۱۹۲۱ء میں اٹھارہ سال کی عمر میں جمعیت علمائے ہند کے ہفت روزہ اخبار ‘’مسلم’‘ کے ایڈیٹر مقرر ہوئے تو پھر سے تعلیم کی طرف متوجہ ہو گئے، اسی دوران انگریزی زبان پر عبور حاصل کیا اور اخبار نویسی کے ساتھ ساتھ مختلف علماء کرام سے عربی، ادب، تفسیر، حدیث ، منطق اور فلسفہ کی کتابیں پڑھتے رہے اس طرح ہر فن پر دسترس حاصل کرنے کا موقع ملا۔
اسی دوران ۱۹۲۴ء میں جمعیت علمائے ہند کو اپنے سہ روزہ اخبار ‘’الجمعیة’‘ کے لئے ایڈیٹر کی تلاش تھی بالآخر ان کی نظر ایک مرتبہ پھر مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ پر پڑی اور انہوں نے اکیس سالہ نوجوان کو اپنے اخبار کا مدیر منتخب کیا۔
۱۹۲۶ءکے اواخر میں ہندو انتہا پسند تنظیم آریہ سماج کے لیڈر سوامی شردھا نند کو نبی اکرم ﷺ کی شان میں گستاخی کی جسارت کرنے پر عبدالرشید نامی مسلمان نے جوش میں آ کر قتل کر ڈالا اور اس کے بعد ایک ہنگامہ کھڑا ہو گیا اور قتل و غارت گری کا طوفان برپا ہو گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ہندوؤں نے ہر طور پر یہ ثابت کرنا چاہا کہ اسلام دلیل کے بجائے تلوار کا مذہب ہے اور مسلمان جہاد کا نام استعمال کرتے ہوئے دہشت گردی کو فروغ دیتے ہیں ۔
اس پروپیگنڈے کے طوفان میں مسلمانوں کے قائد مولانا محمد علی جوہرؒ نے دہلی کی جامع مسجد میں تقریر کرتے ہوئے رُندھی ہوئی آواز میں فرمایا ‘’ کاش کوئی اﷲ کا بندہ اٹھتا اور ہندوؤں کے ان الزامات کے جواب میں اسلام کی صحیح تصویر پیش کرتا۔’‘
ہزاروں مسلمانوں کے اس اجتماع میں نوجوان مودودیؒ نے مولانا جوہرؒ کی بات گرہ میں باندھ لی اور ان کی پکار پر لبیک کہنے کا پکا ارادہ کر لیا اور صرف چوبیس سال کی عمر میں ‘’الجہاد فی الاسلام’‘ کے نام سے کتاب لکھ کر اسلام پر اعتراض کرنے والوں کا منہ بند کر دیا۔
جب علامہ اقبال نے یہ کتاب پڑھی تو فرمایا ‘’ اسلام کے نظریہ جہاد اور اس کے قانونِ صلح و جنگ پر یہ ایک بہترین تصنیف ہے اور میں ہر ذی علم آدمی کو یہ مشورہ دیتا ہوں کہ وہ اس کا مطالعہ کرے۔’‘
زندگی کے آخری سالوں میں علامہ اقبال ؒ جب مولانا مودودیؒ کی تحریروں کو پڑھتے تو فرماتے ‘’ یہ مولوی رسول اﷲ ﷺ کے قلم سے ان کے دین کو پیش کر رہا ہے۔’‘
۱۹۳۳ءمیں مولانا مودودیؒ نے اپنا رسالہ ماہنامہ ‘’ترجمان القرآن’‘ شائع کرنا شروع کیا جس کا سلسلہ آج تک جاری ہے۔
مولانا مودودیؒ نے اپنی تحریروں اور تقریروں سے باطل نظریات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اسلام کی صحیح تصویر پیش کی۔
آپ نے محسوس کیا کہ وہ اس بے دینی اور روایتی مذہب پرستی کا تنہا مقابلہ نہیں کر سکتے لہٰذا ۱۹۴۱ء میں انہوں نے ۵۷ افراد پر مشتمل ایک تحریک اسلامی کا آغاز کر دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے آپ کا پیغام ملک کے طول و عرض میں پھیلتا چلا گیا۔
پاکستان بننے کے بعد آپ لاہور آ گئے اور ایک مرتبہ پھر اپنے جاں نثار ساتھیوں کے ساتھ دین کے کاموں میں لگ گئے۔
۱۹۴۷ء میں قائد اعظمؒ نے مولانا مودودیؒ سے فرمایا کہ ‘’مولانا ہم نے پاکستان بنا دیا ہے اب آپ کو یہاں اسلامی نظام قائم کرنا ہے۔’‘
اس کے ساتھ ساتھ آپ کو اس کمیٹی میں بھی شامل کیا جس کے ذمے پاکستان کے آئین کی تیاری کا کام تھا۔لہٰذا مولانا مودودیؒ نے ریڈیو پاکستان سے ایک درس کا سلسلہ شروع کیا ۔ لیکن ۱۹۴۸ء میں قائد اعظم ؒ کی وفات کے بعد یہ سلسلہ زبردستی روک دیا گیا اور مولانا مودودیؒ کو جیل میں بند کر دیا گیا۔
لیکن مولانا مودودیؒ اپنا کام کرتے رہے۔ ان کی بے شمار تصنیفات پوری دنیا میں پڑھی جاتی ہیں اور لوگ انہیں امام مودودیؒ کے نام سے یاد کرتے ہیں ۔ صرف ان کی ایک کتاب ‘’دینیات’‘ ہی دنیا کی تقریباً ساٹھ زبانوں میں ترجمہ ہو چکی ہے۔ دنیا میں اب تک لاکھوں ،کروڑوں افراد آپ کی تحریروں سے متاثر ہوئے۔ جبکہ لاتعداد لوگوں نے آپ کی کتابیں پڑھ کر اسلام قبول کیا۔ آپ ؒ کا سب سے بڑا علمی کارنامہ قرآن مجید کی تفسیر ‘’تفہیم القرآن’‘ تحریر کرنا ہے جس میں آپ نے انتہائی سادہ اور دل نشیں انداز میں قرآن کی ترجمانی کی ہے تاکہ ہر خاص و عام قرآن کے اصل پیغام کو سمجھ کر اس پر عمل پیرا ہو سکے۔آپ کی علمی خدمات کے اعتراف میں سعودی عرب کی طرف سے پہلا شاہ فیصل ایوارڈ مولانا مودودی ؒ کو دیا گیا۔
آج دنیا میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی تفسیر ‘’تفہیم القرآن’‘ ہے جو مختلف زبانوں میں ترجمے کے ساتھ دنیا بھر میں نہایت ذوق و شوق کے ساتھ پڑھی جاتی ہے ۔ مولانا مودودیؒ کا انتقال ۱۹۷۹ءمیں ہوا اور آپ لاہور میں دفن ہیں ۔
اﷲ تعالیٰ مولانا مودودیؒ کی قبر کو نور سے بھر دے۔(آمین)
جادو کی بوتل
احمد کمال
نجمی میرا بہت قریبی دوست تھا۔ پڑھائی اور کھیل میں ہمیشہ میرے ساتھ رہتا۔ یہاں تک کہ ہماری شرارتیں بھی آپس میں مشوروں سے انجام پاتیں ۔ دوسرے میرے ماموں زاد بھائی، انجم۔ جو ہم دونوں سے عمر میں بڑے تھے۔ دوستی تو ان سے بھی تھی لیکن اتنی نہیں کہ انہیں ہر معاملہ میں شریک کیا جائے۔ انجم بھائی تھے بہت سر چڑھے اور مغرور۔ لاڈلے کچھ زیادہ تھے لہٰذا ان کی اکثر ضدیں پوری کر دی جاتی تھیں ۔ کھیل کی نت نئی چیزیں لاتے اور ہمیں دکھا کر چڑاتے رہتے۔ ایک بار ایک بوتل لائے جس میں جامنی رنگ بھرا ہوا تھا۔ ہمیں دکھا کر بولے
‘’ دیکھو یہ جادو کا رنگ ہے۔’‘
‘’ وہ کیسے؟’‘ ہم نے سوال کیا۔
‘’ادھر آؤ۔’‘ انجم بھائی نے ہمیں اپنے قریب بلایا۔
نجمی اور میں ان کے قریب گئے ۔ انہوں نے بوتل کھولی اور جھٹ سے کچھ رنگ ہم دونوں کے کپڑوں پر ڈال دیا۔ رنگ پڑنا تھا میں نے اور نجمی نے رونا شروع کر دیا۔ ہمارے کپڑے جو خراب ہو گئے تھے۔ انجم بھائی بڑی ڈھٹائی سے ہنس رہے تھے اور کہتے جاتے ۔
‘’ ارے کچھ نہیں ہوا۔ سب ٹھیک ہے۔’‘
ہمیں فکر تھی کہ گھر گئے اور مار پڑی۔ لیکن چار پانچ منٹ کی اس کہا سنی کے دوران ہمارے کپڑوں سے رنگ غائب ہو چکا تھا اور ہمارے کپڑے پہلے کی طرح صاف تھے۔ بڑی حیرت ہوئی اور اپنے رونے پر شرمندگی بھی۔
‘’نجم بھائی! یہ تو سچ مچ جادو کا رنگ ہے۔’‘
‘’ آپ کہاں سے لائے ہیں ؟’‘
‘’ ہمیں بھی دلا دیں ۔’‘ ہم دونوں نے بڑے خوشامدانہ انداز میں سوالات کر ڈالے۔
انجم بھائی تو اب اور اکڑ گئے۔ ‘’ یہ ایک جن کا فارمولا ہے۔ یہاں تو ملے گا بھی نہیں ۔’‘
‘’تو پھر تھوڑا سا رنگ ہی دے دیں ۔’‘ نجمی نے انجم بھائی سے درخواست کی جو مسترد کر دی گئی۔ ہم دونوں اپنا سا منہ لے کر رہ گئے۔ بہرحال صبر کیا لیکن یہ تہیہ کر لیا کہ انجم بھائی کو ان کے غرور کا مزہ ضرور چکھانا ہے۔
٭....٭
جمعہ کا دن تھا۔ بارہ بجے کے قریب ناصر ماموں ، جو انجم بھائی کے چچا ہوتے تھے، سفید کرتا، پاجامہ زیب تن کیے بڑی شان کے ساتھ نانا جان کے پاس برآمدہ میں آ کر بیٹھ گئے۔ بہت خوشگوار موڈ میں تھے۔ انجم بھائی بڑی شوخی کے ساتھ آئے اور اپنی جادو کی بوتل سے جامنی رنگ ناصر ماموں کے کپڑوں پر چھڑک دیا۔ ناصر ماموں بڑبڑا کر اٹھ کھڑے ہوئے۔ غصہ سے ان کا چہرہ سرخ ہو گیا۔ چیخ کر بولے۔ ‘’ نالائق یہ کیا حرکت ہے؟’‘
‘’ کیا کیا ہے یہ؟’‘ انجم بھائی کے چہرے پر اطمینان تھا اور وہی شوخ مسکراہٹ ۔ انہیں یقین تھا کہ اب چند منٹوں میں یہ رنگ ہوا ہو جائے گا۔
ادھر ناصر ماموں بڑی مشکل سے اپنے غصے کو ضبط کر رہے تھے۔ پانچ چھ منٹ گزرنے کے بعد بھی جب رنگ اپنی جگہ جمع رہا تو انجم بھائی کے چہرے کا رنگ اڑنا شروع ہو گیا۔ آخر ضبط کی بھی انتہا ہوتی ہے۔ ناصر ماموں کا ایک بھرپور چانٹا انجم بھائی کے رخسار پر پڑا اور پھرا ن کی آنکھوں سے گنگا جمنا رواں ہو گئی۔ انجم بھائی حیران تھے کہ ایسا تو کبھی نہ ہوا تھا۔ اس کا جادو کہاں گیا؟ ناصر ماموں انہیں مستقل برا بھلا کہے جا رہے تھے اور اب تو وہ سب ہی گھر والوں کی ڈانٹ سن رہے تھے۔
نانی جان نے آتے ہی سنائی۔ ‘’ارے بچے تو دیوانہ ہو گیا ہے کیا؟ یہ کیا کیا تو نے؟یہ تجھے سوجھی کیا تھی؟’‘
‘’آنے دو تمہارے ابو کو آج وہ ہی تمہارے شوق پورے کریں گے۔’‘ ممانی جان بھی آ گئیں ۔ غرض یہ کہ چاروں طرف سے بوچھاڑ پڑ رہی تھی۔
ادھر میں اور نجمی اپنی کارکردگی پر خوش تھے۔ ایسا کیسے ہوا؟ ہم دونوں نے اس جادو کے رنگ کی خالی بوتل حاصل کی۔ دو آنے کا پکا جامنی رنگ لا کر بوتل میں بھر کر کسی طرح نجم بھائی کی بوتل سے بدل دیا۔ پھر جو کچھ ہوا وہ تو آپ سن ہی چکے ہیں ۔ انجم بھائی کو آج تک یہ بات معلوم نہ ہو سکی کہ اس جادو کے رنگ کا جادو کہاں گیا۔ اگر اب آپ میں سے کسی نے بتا دیا تو ہماری خیر نہیں ۔
٭٭٭
پر اسرار پینٹنگ
مارکیٹ میں چہل قدمی کے دوران جے جے اور ایرک ادھر ادھر چیزوں پر نظر ڈالنے میں مصروف تھے۔ ان دونوں بھائیوں کو شاید علم ہی نہیں تھا کہ انہیں ایک عجیب قسم کے اور حیرت انگیز ایڈونچر کا سامنا ہونے والا ہے۔ چمکدار دھوپ نکلی ہوئی تھی اور یہ جگہ کوسٹ ٹاؤن تھی جو مچھیروں کا ایک گاؤں ہے۔
‘’واہ !’‘ ایرک نے ایک قدیم پستول اٹھاتے ہوئے کہا۔ ‘’ یہ انکل براؤن کو تحفہ کے طور پر دے سکتے ہیں ۔ آخر کئی دن سے ہم ان کے ہاں ٹھہرے ہوئے بھی تو ہیں ۔ ‘‘
پھر ایرک نے اس کی قیمت معلوم کی۔ ‘’ارے شاید نہیں ۔’‘ پھر یہ الفاظ ادا کرنے کے بعد اس نے پستول واپس نیچے رکھ دی۔
انہوں نے مارکیٹ میں ایک گھنٹہ مزید گزارا جہاں سوئی سے صوفے تک سب دستیاب تھا۔ ان دونوں کو شاپنگ میں کیا مزہ آیا ہو گا کہ جو اب گھر میں آنے والا تھا۔ اگر جے جے تیز قدم اٹھا کر اشیا کو دیکھتے ہوئے نکل جاتا تو شاید وہ اس مشکل سے بچ جاتے۔ لیکن جب جے جے دھیمے انداز میں چلتے ہوئے اشیا کا جائزہ لے رہا تھا تو ایک چمکتی ہوئی چیز اس کی نظر سے ٹکرائی۔ وہ چیز ایک چادر سے ڈھکی ہوئی تھی۔ جے جے نے اس پر سے چادر ہٹائی۔وہ چمکدار چیز ایک مہارت سے تراشی ہوئی لکڑی کا فریم تھا۔ ایرک بھی اپنے بھائی کی تلاش کی ہوئی چیز کو دیکھنے کے لئے رک گیا۔ یہ ایک آئل پینٹنگ تھی اور پرانی ہونے کی وجہ سے سیاہ ہو رہی تھی۔ ‘’ ہمیں ضرور یہ پینٹنگ خریدنی چاہیے ، جے جے۔’‘ ایرک مزید آگے ہوتے ہوئے بولا۔ ‘’ یہ پینٹنگ ہمارے پاس ضرور آنی چاہیے۔’‘
ایرک اور جے جے نے پینٹنگ خریدنے کے بعد سیدھا اس مکان کی طرف رخ کیا جہاں وہ اپنے چچا کے ساتھ رکے ہوئے تھے۔
‘’دیکھیں ہم ابھی ابھی کیا خرید کر لا رہے ہیں ۔’‘ جے جے انکل براؤن کے آگے پینٹنگ رکھتے ہوئے بولا جو پہلے ہی ایک کتاب پڑھ رہے تھے۔
انکل نے وہ پینٹنگ اٹھا کر دیکھی۔ ‘’تم نے اسے مارکیٹ سے خریدا ہے؟’‘
انہوں نے تھوڑا سا مزید پینٹنگ کا جائزہ لیا ‘’تمہیں معلوم ہے کہ یہ کم از کم دو سو سال پرانی ہو گی۔ تم نے کتنے کی خریدی؟’‘ جب انہوں نے قیمت بتائی تو انکل براؤن بہت خوش ہوئے۔ ‘’یہ اس سے زیادہ ہی کی ہو گی۔’‘
جے جے اور ایرک کو پتہ تھا کہ انکل براؤن کو اس بارے میں کچھ اندازہ ضرور ہے تبھی انہوں نے کہا وہ قدیم فرنیچر کی نقل تیار کرتے اور اسے بیچ کر گزارا کرتے تھے۔
انکل براؤن نے پینٹنگ نیچے رکھی اور کمرے سے باہر نکل گئے۔ اپنی ورکشاپ میں جا کر کچھ الٹ پلٹ کرتے رہے۔ اپنے چہرے پر کسی کامیابی کے آثار لیے جب وہ واپس آئے تو ان کے ہاتھ میں ایک کپڑا اور بوتل تھی۔ انہوں نے کپڑے پر بوتل سے تھوڑا محلول گرایا اور پھر ہاتھ جما کر اس کپڑے سے پینٹنگ کو رگڑنا شروع کر دیا۔ ایک عجیب نتیجہ ابھر کر سامنے آیا۔ صدیوں پرانی گرد لمحوں میں صاف ہو چکی تھی۔ جو حصے میل کھا کر زرد پڑ رہے تھے اب اپنی اصل چمک دکھا رہے تھے۔ پینٹنگ برش اس پینٹنگ میں اپنا نہایت عمدہ استعمال ثابت کر رہے تھے۔
‘’ لہریں کتنی اصل لگ رہی ہیں ۔’‘ جے جے حیرت سے بولا۔
‘’ ہاں ، لیکن مجھے تو اس کی نہایت بوسیدہ مہک سے قے جیسی کیفیت ہو رہی ہے ‘‘ ایرک ناک بند کرتے ہوئے بولا۔
‘’اور یہاں کیا ہے؟’‘ انکل براؤن کے پینٹنگ کے نچلے حصے پر کپڑا مار کر چہرے کو قریب لاتے ہوئے کہا ‘’ یہ تو لکھائی ہے۔’‘ ان کی ناک تصویر کو چھو رہی تھی۔ ‘’کتنی انوکھی بات ہے۔’‘
‘’ اس طرح کے الفاظ تو میں نے آج سے پہلے کبھی نہیں دیکھے۔’‘ جے جے نے انکل براؤن کے سر کے پیچھے سے دیکھنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا۔
‘’ کیوں کہ یہ الفاظ لاطینی زبان میں لکھے ہوئے ہیں ۔’‘ انکل براؤن نے کہا۔
‘’تو ان کا کیا مطلب ہے؟’‘ ایرک ان حرفوں پر انگلی پھیرتے ہوئے بولا۔ اسے اس عبارت سے کچھ اندیشہ سا ہوا۔اس کے نامعلوم مطلب نے اس کے لئے پینٹنگ میں دلچسپی پیدا کر دی۔
‘’ہمیں تلاش کرنا ہو گا کہ ان کا مطلب کیا ہے؟’‘
وہ رات دونوں بھائیوں کے لئے کوسٹ ٹاؤن میں اپنے چچا کے پاس ابھی صرف تیسری تھی۔ جے جے اور ایرک نیچے سیڑھیوں سے آنے والی ایک ٹکرانے کی زوردار آواز سے جاگ گئے۔ ‘’ یہ کیا تھا؟’‘ جے جے ایک دم اٹھتے ہوئے بولا۔ اسی میں اس کا سر اوپر والے بستر کی لکڑی سے ٹکرا گیا جہاں ایرک لیٹا ہوا تھا۔
‘’یہ آواز شیشہ ٹوٹنے کے جیسی تھی۔’‘ ایرک نے کہا۔
‘’رات کے تین بج رہے ہیں ۔ انکل براؤن تو اپنے بستر میں ہوں گے۔ چلو ہم نیچے سیڑھیوں پر جا کر دیکھ لیتے ہیں ۔ ہو سکتا ہے کوئی بلی ہو۔’‘
دبے پاؤں ہشیاری کے ساتھ یہ دونوں باہر نکلے اور سیڑھیوں سے نیچے تک آئے۔ کنارے کنارے چلتے ہوئے پرانی سیڑھیوں سے آنے والی آوازوں کو روکنے کی کوشش کرتے رہے۔ اب نچلے کمرے میں پاؤں رکھتے ہوئے ان کے دل زور زور سے دھڑکنے لگے۔ انہیں چاندنی سے بھرے کمرے میں کوئی بلی نظر نہیں آئی۔ بس اگلے ہی لمحے دونوں کی چیخیں نکلتے نکلتے رہ گئیں ۔ چاند کی آنے والی روشنی میں ایک چور پینٹنگ اٹھائے ہوئے تھا اور کھڑکی کے راستے بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا۔
اس موقع پر ایرک کو خیال آیا کہ اس نے مارکیٹ سے وہ پستول خرید لی ہوتی جبکہ جے جے کے دل میں یہ خواہش پیدا ہوئی کہ وہ تین فٹ اور لمبا ہوتا اور عینک بھی استعمال نہ کرتا ہوتا۔ اب دونوں کو اپنی زندگی میں آنے والے اس ‘’اصلی’‘ چور سے نمٹنے کا کوئی رستہ نہیں سوجھ رہا تھا۔ لیکن کچھ نہ کچھ تو کرنا تھا۔
جے جے نے بغیر آواز کے ‘’ ہمیں کیا کرنا چاہیے؟’‘کہا، جسے اس کے بھائی نے سمجھ لیا۔ ‘’وہیں کھڑے رہو۔’‘ایرک نے اتنی آہستگی سے کہا جتنی وہ کہہ سکتا تھا لیکن اس چور نے بالکل الٹ معاملہ کیا۔ پینٹنگ کو وہیں گرا کر جلدی سے کھڑکی سے کود گیا۔ دونوں بھائی کھڑکی کی طرف بھاگے۔ کھڑکی سے جھانک کر اب اس چور کا اتا پتا نہ تھا۔
چند لمحوں بعد سامنے کا دروازہ کھلا اور اس کے ساتھ روشنی بھی اندر داخل ہو گئی۔ انکل براؤن لکڑی کے چند ٹکڑے لیے اندر داخل ہوئے۔
‘’تم لوگ اتنی رات گئے کیا کر رہے ہو؟’‘ انہوں نے تیز لہجے میں پوچھا۔ ‘’ ہم صرف ایک چور کا پیچھا کر رہے تھے جو ہماری پینٹنگ چوری کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ‘‘ جے جے نے بتایا۔ ‘’وہ کھڑکی سے بھاگ گیا ہے۔’‘
‘’واقعی ؟’‘ مسٹر براؤن نے کہا ۔
ایرک نے خیال ظاہر کیا کہ ہمیں پولیس کو فون کرنا چاہیے۔
‘’ میرا خیال ہے کہ ضروری نہیں ۔ صرف یہ ٹوٹی ہوئی کھڑکی ایک خطرہ ہے جو صبح ٹھیک ہوسکتی ہے۔ اب تم دونوں اپنے بستروں پر جاؤ۔’‘ پھر یہ دونوں اپنے بستروں پر چلے گئے لیکن دونوں کو نیند ہی نہ آئی۔
اگلی صبح جب جے جے اور ایرک سیڑھیاں اتر کر نیچے پہنچے تو انکل براؤن ناشتہ تیار کر چکے تھے اور اب کھڑکی جوڑنے میں مصروف تھے۔ ایرک کی نظریں اسٹول پر رکھی پینٹنگ پر جم گئیں ۔ ‘’ کیا پینٹنگ پر لکھی عبارت میں مگن ہو؟’‘ انکل براؤن نے پوچھا۔ ایرک نے ٹوسٹ کھاتے ہوئے سرہلایا۔ ‘’ تو پھر تمہیں سرگف کے پاس جانا چاہیے۔ لاطینی زبان بہت پہلے اسکولوں میں پڑھائی جاتی تھیں ۔ سرگف کو بھی اسکول میں پڑھاتے ہوئے ایک عرصہ گزر چکا ہے۔ ‘‘ انکل براؤن نے کھڑکی بند کر کے مڑتے ہوئے کہا۔
‘’ چلو پھر اس عبارت کو نقل کر کے سرگف کے پاس لے جاتے ہیں بجائے کہ اس بھاری پینٹنگ کو اٹھاتے پھریں ۔’‘
جے جے نے مشورہ دیا اور ایرک نے بھی سر ہلا دیا کہ یہ ایک اچھا آئیڈیا ہے۔
جے جے اور ایرک نے سرگف کو مکان کے باہر ہی پا لیا۔ وہ گرے ہوئے پتے جمع کر رہے تھے۔ جے جے نے انہیں اپنے آنے کا مقصد بتایا اور کہا کہ اگر وہ برا نہ مانیں تو یہ عبارت ہمیں لاطینی سے ترجمہ کر کے بتا دیں ۔ بغیر کوئی لفظ ادا کیے، سرگف پتے صاف کرنے والے جھاڑو کو گرا کر اندر چلے گئے اور دونوں پریشان ہو گئے کہ شاید انہوں نے کچھ غلط کہہ دیا ہے ۔ پھر سرگف اپنی عینک کے ساتھ برآمد ہوئے۔
‘’اس کے بغیر میں کچھ نہیں پڑھ سکتا۔’‘ انہوں نے کہا۔ جے جے نے انہیں عبارت لکھا ہوا پرچہ پکڑایا۔
‘’ہوں ، تو یہ تو بہت سیدھا سا لکھا ہوا ہے کہ اگر میں ڈوبنے کے قریب ہوں تو زور سے میرا نام لے کر آواز دینا۔’‘
ایرک نے الفاظ کو دہرایا۔ ‘’اگر میں ڈوبنے کے قریب ہوں تو زور سے میرا نام لے کر آواز دینا۔ کتنا عجیب پیغام ہے۔ میں حیران ہوں کہ اس کا مطلب کیا ہے؟ میرا نام لینا۔’‘
‘’پینٹنگ میں پانی کی لہروں پر بل کھاتی کشتی اور پتھر گھاس پھوس کے سوا تو کچھ نہیں ہے۔ اب کس کا نام زور سے بولیں ؟
گھر واپس پہنچنے پر انکل براؤن نے محدب عدسے کے ذریعے پینٹنگ کے ایک ایک حصے کو غور سے دیکھا ‘’ شاید لاطینی زبان میں یہ پیغام لکھنے کا مقصد ہی یہی ہے کہ نام بھی آسانی سے نہ ملے۔’‘ جے جے نے کہا اور کرسی پر بیٹھ کر پاس پڑی کتاب اٹھا لی۔
‘’ جب یہ پیغام لکھا گیا تھا تو اچھے خاصے لوگ لاطینی زبان جانتے تھے۔’‘ انکل براؤن نے نکتہ اٹھایا۔ ‘’اور پیغام میں میرا نام لے کر آواز دینا لکھا ہے۔’’ ڈھونڈ کر’‘ آواز دینا نہیں ۔
‘’ارے یہ رہا نام!’‘ جے جے نے جلدی سے تصویر کا کونہ پکڑ کر اوپر کیا۔
‘’یہ تو پینٹر کا نام ہے۔’‘ ایرک نے بے بسی سے کہا ‘’ یہ نام تو کچھ سنا سنایا سا لگ رہا ہے، جونز ہارٹ۔’‘ انکل براؤن نے نام کو دیکھ کر کہا۔ ‘’کیوں ناں ہم لائبریری جا کر اس نام کے متعلق معلومات اکٹھی کریں ۔’‘
ایرک اور جے جے نے اس خیال کے ساتھ لائبریری جانے کا فیصلہ کر لیا اور نکل پڑے۔
دونوں نے گاؤں کی طرف جانے والی پگڈنڈی پر سفر شروع کر دیا۔ چلتے چلتے ایرک گھاس پر بیٹھ گیا جبکہ جے جے نے قریب بنے ہوئے لکڑی کے گیٹ پر اپنی کہنی ٹکا دی۔ اس دوران اس کے بھائی کی آنکھیں حیرت سے پھیلنے لگیں ۔
‘’کیا ہوا؟’‘ جے جے نے پوچھا۔ ایرک نے ڈاک کے ڈبے پر لکھے ہوئے دو الفاظ کی طرف اشارہ کیا۔ڈبے پر جونز ہارٹ تحریر تھا۔
حیرت سے ڈوبے ہوئے ایرک اور جے جے نے گیٹ کھولا اور ایک لمبے اور چوڑے راستے پر چلنا شروع کر دیا۔ وہ رستہ انہیں کھردری گھاس اور خاردار جھاڑیوں سے ہوتے ہوئے سمندر کی طرف لے گیا۔ سمندر کے ساحل کے قریب پہنچ کر ایرک اور جے جے نے چاروں طرف ٹکر ٹکر دیکھنا شروع کر دیا۔ ان کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ وہ کہاں آ گئے ہیں ۔
‘’کیا تمہیں نہیں لگ رہا کہ ہم یہاں پہلے بھی آ چکے ہیں ؟’‘ جے جے نے پوچھا۔
‘’ہاں جگہ تو دیکھی دیکھی ہی لگ رہی ہے مگر ہم یہاں آئے کب؟’‘ ایرک کو بھی کچھ یاد نہیں پڑ رہا تھا۔
اچانک سورج بادلوں کے پیچھے چھپ گیا اور ایک مخصوص چمکدار روشنی نے سمندر کو دیکھنے میں بالکل مختلف بٹا دیا۔ اٹھتی ہوئی لہریں بالکل پینٹ برش کے پھیلائے ہوئے چمکدار رنگوں کی طرح لگ رہی تھیں ۔ ‘’یہ سارا منظر تو بالکل پینٹنگ میں پھیلے ہوئے ساحلی کنارے کی طرح لگ رہا ہے۔’‘ ایرک اچانک چلا اٹھا۔
دونوں اس رستے پر چلتے ہوئے کنارے تک پہنچے۔ یہاں سے دور تک پھیلے ہوئے پتھروں کا ایک سلسلہ دوسری جگہ بنے ہوئے ایک لائٹ ہاؤس پر جا کر ختم ہو رہا تھا۔ یہ لائٹ ہاؤس پر شکوہ انداز میں بادلوں سے بھرے آسمان کی طرف سر اٹھائے کھڑا تھا۔ جب دونوں لائٹ ہاؤس تک پہنچے تو اس کا دروازہ تھوڑا سا کھلا ہوا پایا۔ ‘’ میں نے کبھی نہیں سوچا کہ میں ایک اصلی لائٹ ہاؤس میں بھی جاؤں گا۔’‘ ایرک نے کہا ۔
‘’ہمیں دروازہ کھٹکھٹانا پڑے گا یا کچھ اور؟’‘ جے جے نے کہا۔ ‘’ کیوں کہ اگر دروازہ کھلا ہے تو اس کا مطلب ہے اندر کوئی ہے۔’‘
‘’ اور اگر کوئی ہو لیکن ہمیں یہاں سے نہ سن سکے تو؟’‘ ایرک نے اپنا خیال ظاہر کیا۔
دونوں اندر پہنچ گئے اور اندھیرے میں سیڑھیاں چڑھنا شروع کر دیں ۔ یہ جگہ پرانی ہونے کی وجہ سے بہت بوسیدہ ہو چکی تھی جبکہ نمکین پانی سے گیلی۔ جے جے کا اس گھٹن میں سانس رکنے لگا۔ ہر بڑھتے قدم کے ساتھ بوسیدگی کا احساس بڑھتا جا رہا تھا۔
وہ اپنی سانس بحال کرنے کے لئے کچھ رکے۔ دوبارہ سیڑھیاں چڑھنے کے لئے جب انہوں نے قدم بڑھایا تو عجیب پھڑپھڑاتی آواز نے پورے زینے میں گونج پیدا کر دی۔
پریشانی کے عالم میں ایرک نے جھانکا تو بڑے بڑے چمگادڑوں جیسے پراس کے گالوں پر پھڑپھڑائے۔ وہ دہشت سے چیخ پڑا۔
جب ایرک اور جے جے کو اس مخلوق کا اندازہ ہوا تو سکھ کا سانس لیا۔ وہ کوئی بہت بڑی اور خوفناک چمگادڑ نہیں تھی بلکہ ایک سیاہ پرندہ تھا۔
پرندہ سر پر چکر لگانے کے بعد ایک کھلے ہوئے دروازے سے اندر چلا گیا۔ ‘’ کیا کوئی ہے؟’‘ ایرک نے دروازے کو کھٹکھٹاتے ہوئے کہا۔ کوئی جواب نہ پا کر دونوں اندر چلے گئے۔ یہاں انہوں نے اپنے آپ کو ایک بڑے سے گول کمرے میں پایا۔ کسی اور کے بجائے یہاں بھی پرندے ہی نے استقبال کیا۔ جے جے اور ایرک اردگرد کے فرنیچر کو دیکھ رہے تھے جو یقینی طور پر اسی کمرے کے لئے گولائی میں بنایا گیا تھا۔ یہ یہاں پر بالکل درست لگ رہا تھا اور کسی دوسری جگہ پر بالکل خراب لگتا۔
ایرک ایک تصویر کو دیکھ کر اس کی طرف بڑھا۔ سیاہ اور سفید رنگوں کی اس تصویر پر جونز ہارٹ کا نام لکھا ہوا تھا۔ جبکہ تصویر پر تاریخ بھی اٹھارویں صدی کی موجود تھی۔
‘’تو یہ ہے جونز ہارٹ’‘ جے جے بھی تصویر کے سامنے آن کھڑا ہوا۔’’ لیکن اسے اتنی پراسرار پینٹنگ بنانے کی ضرورت کیوں پیش آئی اور یہاں کون رہتا ہے۔ کیا اس کی کوئی اولاد وغیرہ بھی ہے؟’‘
دونوں جونز ہارٹ کی تصویر دیکھ کر اس کے متعلق سوچ ہی رہے تھے کہ وہ دروازہ جس سے وہ اندر آئے تھے زور سے بند ہو گیا۔ جیسے اسے کسی ان دیکھے ہاتھ نے کھینچا ہو۔ اس آواز نے دونوں بھائیوں کو دہشت زدہ کر دیا۔
دروازہ اب ذرا سا بھی نہیں کھل رہا تھا۔ جے جے اور ایرک نے اسے دھکا بھی دیا اور کھینچا بھی لیکن دروازہ اپنی جگہ بند رہا۔
‘’شاید یہاں سے نکلنے کا کوئی اور راستہ بھی ہو۔’‘ ایرک نے کہا۔
‘’ مجھے نہیں لگتا۔’‘ جے جے نے بے بسی سے کہا۔ ‘’یہ سیڑھی تو اوپر روشنی والے کمرے میں جاتی ہو گی۔’‘
‘’ تو پھر ہمیں دروازے کو لیور کے ذریعے کھینچنا ہو گا۔ چلو پھر ایسی چیز تلاش کرتے ہیں جسے لیور بنایا جا سکے۔‘ ‘ ایرک نے کہا۔ دونوں نے پورے کمرے کو چھان مارا لیکن ایسی کوئی چیز نہ تلاش کر سکے۔
ایرک کمرے کے درمیان بیٹھ کر سوچنے لگا۔ ‘’میرا خیال ہے ہم اس طرح وقت ضائع کر رہے ہیں ۔ اگر ہم دروازہ نہیں کھول سکتے تو کھڑکی کے ذریعے جا سکتے ہیں ۔’‘ جے جے نے چھوٹی سی کھڑکی کھولی اور نیچے پتھروں کو دیکھنے لگا۔ اتنی اونچائی سے باہر نکلنے کے خیال نے اس کے جسم میں سنسنی پیدا کر دی۔
‘’ ہمیں یہاں سے زمین تک پہنچنے کے لئے تو بہت لمبی رسی چاہیے ہو گی۔’‘ وہ بے بسی سے بولا۔ کھڑکی کو کھٹ سے بند کرنے کے بعد وہ بھی ایرک کے ساتھ فرش پر بیٹھ گیا۔ اب شاید اس لائٹ ہاؤس کے نگران ہی کا انتظار کیا جا سکتا تھا جو آ کر ان کو یہاں سے نکالے۔ تھوڑی دیر نہ گزری تھی کہ دونوں کی نظریں ایک ساتھ ایک بڑے سے صندوق پر پڑیں ۔ اس کے کناروں پر لوہے کی پٹیاں لگی ہوئی تھیں ۔ دونوں اچھل کر اس صندوق تک پہنچے اور کھینچ کر باہر نکالا۔ ‘’ایسا صندوق تو بالکل بحری قزاقوں کی کہانی میں ہوتا ہے۔’‘
‘’ ہو سکتا ہے اس میں کوئی رسی پڑی ہو۔’‘ جے جے نے خیال ظاہر کیا۔ صندوق میں تالا لگا ہوا تھا جس سے ڈھکنا کھل نہیں رہا تھا ۔ایرک نے ایک دیوار پر لگی کیل میں اٹکا چابیوں کا گچھا تلاش کر ہی لیا اور اب وہ جلد سے جلد تالا کھولنے میں لگ گیا۔ یہ تو طے شدہ تھا کہ صندوق کئی سالوں سے نہیں کھلا تھا۔
ڈھکنے کو اٹھا کر الگ کرنے کے بعد ایرک اور جے جے کے سامنے ایک حیرت زدہ کر دینے والا منظر تھا۔ قدیم نقشے، پرانی کتابیں ، بوتل میں بند کشتی ، سمندر اور بحری سفر سے متعلق انوکھی چیزیں بکھری پڑی تھیں ۔ صندوق کی اشیا کو دیکھنے اور پرکھنے میں ہی اب باہر نکلنے کے خیالات دونوں کے ذہن میں رفو چکر ہو گئے۔ ایرک نے چمڑے کی جلد کی ایک قدیم کتاب اٹھائی اور پڑھنا شروع کر دی۔
ایرک کے سامنے کھلے ہوئے چمکدار حروف کسی اہم تحریر کو نمایاں کر رہے تھے۔ کتاب کو اپنے ہاتھوں میں مزید جماتے ہوئے ایرک نے پڑھنا شروع کیا۔ اب اس کے سامنے تمام واقعات ایک فلم کی صورت میں کھلتے چلے گئے۔
یہ ایک دھوکہ کی داستان تھی۔ ایرک اور جے جے کو تو پہلے ہی اپنے انکل کی بستی کچھ پراسرار سی لگتی تھی اور اب ان کے سامنے ایک عجیب داستان سامنے آتی چلی گئی۔
یہ ناقابلِ یقین ہے ۔ غور سے سنو۔
1۔ یہ 1783ءکا سال ہے اور جگہ کوسٹ ٹاؤن ہے۔
2۔یہاں کے ساحل پر بے شمار نظر نہ آنے والے پتھر ہیں جو حادثہ کا سبب بنتے ہیں ۔ اس لئے روزانہ رات کو لالٹیں جلا کر روشنی کی جاتی ہے۔
3۔ لیکن بستی کے چند لٹیروں کا کچھ اور ہی منصوبہ ہوتا ہے۔ یہ رات کو چراغ بجھا کر اندھیرے کی وجہ سے تباہ ہونے والے جہاز کا سامان لوٹ لیتے ہیں ۔
4۔ اور اپنی ایک الگ لالٹین کو ساحلی کنارے سے دور لے جا کر روشن کر دیتے ہیں تاکہ جہاز دھوکہ کھا کر خشکی پر چڑھتا چلا جائے اور تباہ ہو جائے۔
٭ ہو ہو ہو، آج رات کو بہت سارا مال ہاتھ لگے گا۔
5۔ اور پھر جہاز پتھروں سے ٹکرا جاتے۔
6۔ جب جہاز ڈوبنے لگتا ہے تو یہ لٹیرے طاقت کے ذریعے لدا ہوا سامان لوٹ لیتے ہیں ۔
7۔ .... انہیں پھنسے ہوئے اور ڈوبتے ہوئے افراد کو بچانا بھی یاد نہ رہتا۔
8۔ ساحلی کنارے پر اس طرح کے کافی گروہ موجود ہیں ۔
9۔ لیکن کچھ لٹیرے زیادہ ہی کامیاب ہیں اور کوسٹ ٹاؤن کے لٹیروں کے نام سے ان کی دہشت ہے۔
٭ کل کی رات تو لوٹ لوٹ کر مزہ آ گیا۔
٭ ہاں ، کتنا بے وقوف کپتان ٹکرا تھا۔
٭ تو دو سو سال پہلے یہ سب کچھ یہاں ہوتا رہا۔ تو شایداسی لیے جونز ہارٹ نے ان واقعات کے اوپر کشتی اور لائٹ ہاؤس کے باہر والے ساحلی کنارے کی تصویر بنائی ہے۔ ایرک اور جے جے گول کمرے میں بیٹھے ان ماضی کے شیطانی لٹیروں کے متعلق سوچ ہی رہے تھے کہ اندھیرا چھانے لگا۔ اب تو کوسٹ ٹاؤن میں ایک مناسب لائٹ ہاؤس موجود تھا اس لیے اب جہازوں کا ساحل سے ٹکرا جانے کا کوئی ڈر نہیں تھا۔ ان کی سوچوں میں اچانک بجلی کی حرکت کرنے والی آواز نے دخل دیا اور پھر ایک بڑی سی گھومنے والی روشنی اوپر والے کمرے میں روشن ہو گئی۔ اس آواز سے چونکنے کے بعد انہوں نے حیرت سے اوپر دیکھنا شروع کر دیا۔ ‘’ یہ لائٹ ہاؤس ضرور ایک خودکار سوئچ سے کام کرتا ہے جو اندھیرا ہونے پر چالو ہو جاتا ہے۔’‘ ایرک نے کہا۔
‘’ اس کا مطلب ہے اس لائٹ ہاؤس کے لئے مزید کسی نگران کی ضرورت نہیں ہے۔’‘ جے جے نے ایک ٹھنڈی آہ بھری۔
‘’ میرا نہیں خیال کہ اس سامنے والے بستر پر لمبے عرصے تک کوئی سویا ہے۔’‘ اسی دوران ایک چوہا بستر کے گدے میں ایک سوراخ سے نکل کر بھاگا۔ ایرک کو ان باتوں سے اچانک ایک خیال سوجھا۔ وہ ایک بڑی الماری کی طرف بڑھا اور اندر سے چادریں نکالنا شروع کر دیں ۔
‘’ پتہ نہیں یہ خیال مجھے پہلے کیوں نہیں آیا۔’‘ اب ایرک نے تمام چادروں کے کناروں کو ایک دوسرے سے گرہ لگانا شروع کی۔ چادروں کی یہ رسی اتنی لمبی تو نہیں تھی کہ کھڑکی سے نیچے زمین تک پہنچا جا سکے لیکن اس کے ذریعے نیچے والی چھوٹی کھڑکی میں داخل ہوا جا سکتا تھا جو زینہ میں کھلتی تھی۔ ایرک نے اب پوری مضبوطی سے رسی کے سرے کو کھڑکی سے باندھ دیا۔ ‘’ پہلے میں اترتا ہوں ۔’‘ جے جے نے اپنی عینک سنبھالتے ہوئے کہا۔
‘’دیکھو تم پہلے بھی ایک مرتبہ اپنی عینک گرا چکے ہو۔ ‘‘ ایرک نے جے جے کو تھپک کر کہا۔ تیز ہوائیں جے جے پر برس رہی تھیں اور وہ اپنا توازن برقرار رکھنے کے لئے پوری قوت سے ہاتھ رسی پر جمائے ہوئے تھا۔صرف ذرا سی پھسلن ہی اسے پتھروں پر گرا کر ختم کر سکتی تھی۔ اوپر سے ایرک نے بھی رسی کو پکڑا ہوا تھا۔ آخر کار جے جے نے نیچے ہوتے ہوئے کھڑکی کو لات مار کر کھولا اور پھر کسی طرح اندر داخل ہو گیا۔ اب ایرک کی باری تھی اور پھر وہ بھی ہوا کے تھپیڑوں کا مقابلہ کرتے ہوئے نیچے آ گیا۔ دونوں جلد سے نیچے دروازے تک پہنچے اور اسے کھول کر باہر آ گئے۔ ایرک اور جے جے نے تیز تیز قدم گھر کی طرف بڑھانا شروع کر دیئے۔ انہیں یقین تھا کہ انکل براؤن ضرور دیر سے آنے پر ڈانٹیں گے۔ گھر پہنچ کر انہوں نے ساری تفصیل انکل براؤن کے سامنے رکھ دی۔ انکل براؤن نے ایرک اور جے جے کو ٹوکنے ڈانٹنے کے بجائے سارا غصہ اس پینٹنگ پر اتارنا شروع کر دیا۔
‘’ یہ پینٹنگ مجھے بہت مشکوک لگ رہی ہے، آخر کس نے تم کو یہ کوڑیوں کے مول بیچ دی؟’‘
‘’تو انکل ہم یہی تو معلوم کرنے گئے تھے کہ بالآخر اس عبارت کا یہاں لکھنے کا مقصد کیا ہے؟’‘ جے جے نے کشن اپنے پیٹ میں دباتے ہوئے کہا۔
‘’ میرا خیال ہے تم دونوں ابھی اس پینٹنگ کو وہیں اس کے پینٹر کے گھر میں چھوڑ آؤ۔ ابھی کچھ لوگ سامان دیکھنے آ رہے ہیں ۔ مجھے ان کے لئے چند کرسیاں بھی بنانی ہیں ۔ اس لیے میں تم لوگوں کے ساتھ نہیں جا سکتا۔ چاہو تو پڑوس سے مسٹر ہنری کو لے جاؤ۔’‘ انکل براؤن نے فیصلہ سنانے کے انداز میں کہا اور پھر اپنی ورکشاپ میں داخل ہو گئے۔ ایرک اور جے جے مایوسی سے اٹھے اور پھر واپسی وہیں جانے کے لئے تیاری کرنے لگے۔
‘’ ہوں .... مسٹر ہنری، نہیں ہم خود ہی بہت ہیں ۔’‘ جے جے نے پینٹنگ کو اٹھایا اور کچھ دیر دیکھنے کے بعد بغل میں داب لی جبکہ ایرک ٹارچ وغیرہ تلاش کرنے لگا۔
لائٹ ہاؤس پہنچ کر ایرک اور ہنری کوسارا ماحول کچھ عجیب عجیب سا لگا۔ ابھی اندھیرا ہوئے زیادہ دیر نہیں ہوئی تھی لیکن لہریں بہت تیزی سے اٹھ رہی تھیں ۔ا یرک اور جے جے دروازہ کھول کر سیڑھیاں چڑھنے لگے۔ اسی گول کمرے میں پہنچ کر ایرک نے وہ پینٹنگ ایک کرسی پر رکھ دی اور پھر سامنے دیوار پر لگی اس پینٹنگ کے بنانے والے یعنی جونز ہارٹ کی تصویر دیکھنا شروع کر دی۔
‘’چلو ایرک، ہمارے پاس زیادہ وقت نہیں ہے۔’‘ جے جے ایرک کو بازو پکڑ کر باہر لے آیا۔ لیکن لائٹ ہاؤس سے باہر نکل کر تو ایک عجیب اور پریشان کن منظر سامنے آیا۔ پانی کی بڑی بڑی لہریں ان پتھروں کو ڈھک چکی تھیں جن پر قدم رکھ کر وہ یہاں تک آئے تھے۔ اب ان کا لائٹ ہاؤس اس پانی میں ایک ننھا سا جزیرہ لگ رہا تھا۔
‘’ ہم کس مشکل میں پھنس گئے، انکل برائن الگ پریشان ہوں گے۔’‘ جے جے نے اپنا سر تھام لیا۔
‘’ اب ہو بھی کیا سکتا ہے، چلو اب یہیں بیٹھ کر پانی اترنے کا انتظار کرتے ہیں ۔’‘ ایرک نے بپھری ہوئی لہروں سے نظریں ہٹاتے ہوئے کہا۔
جب یہ دونوں لائٹ ہاؤس کے بیرونی دروازے کے باہر بنے چبوترے پر بیٹھے سوچوں میں گم تھے تو مشکل سے ایک میل دور ایک مال بردار جہاز کے کنٹرول روم میں کیپٹن ویلر داخل ہوا اور جہاز کے چلانے والے ہینڈل پر دوبارہ اپنے ہاتھ رکھ لئے۔
‘’ ہم جلد لائٹ ہاؤس دیکھ لیں گے۔’‘ اس نے اپنے عملہ کے افراد سے کہا۔ ادھر اچانک لائٹ ہاؤس پر گھومتی ہوئی روشنی غائب ہو گئی اور چاروں طرف اندھیرا چھا گیا۔
‘’ارے یہ کیا ہو گیا۔’‘ ایرک گھبرا کر اٹھ گیا لیکن کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔اس اندھیرے میں وہ دونوں ہی پریشان ہو گئے۔
کیپٹن ویلر کو ہلکی سی روشنی نظر آ چکی تھی۔ اب وہ اس کے غائب ہونے پر بے چینی کا شکار ہو گیا کیوں کہ جو بحری نقشہ اس کے سامنے پڑا تھا اس کے مطابق تو اب روشنی نظر آ جانی چاہیئے تھی۔ بالکل اسی لمحے چبوترے پر، جے جے کے ذہن میں ایک گھبرا دینے والا خیال پیدا ہوا۔لائٹ ہاؤس تو ایک خاص وجہ کے تحت وہاں موجود ہے۔ وہ یہاں جہازوں کو پتھروں سے خبردار کرتا ہے۔ یعنی اب وہ خطرہ دوبارہ پیدا ہو گیا ہے جو اب سے دو سو سال پہلے لٹیروں کے وقت تھا۔
‘’ایرک!’‘ وہ اپنے بھائی کا بازو ہلا کر چیخا۔
‘’ کیا تم دیکھ نہیں رہے کہ کیا ہو گیا ہے؟’‘
‘’ لیکن کیا؟’‘
‘’ مجھے تو عجیب خطرہ کی بو آ رہی ہے کہ دوبارہ کوئی حادثہ پیش آنے والا ہے۔’‘
‘’ لیکن یہاں اردگرد تو کوئی جہاز نہیں ہے۔’‘ ایرک نے ابھی یہ الفاظ ادا کیے ہی تھے کہ ایک جہاز کا چیختا چنگھاڑتا ہارن سنائی دیا۔ آگے آنے والے خطرے سے بے خبر کیپٹن ویلر اندھیرے میں جہاز کا رخ کوسٹ ٹاؤن کے بے رحم پتھروں ہی کی طرف موڑ چکا تھا۔ اب اس غیر یقینی صورتحال میں ایرک اور جے جے کو کچھ سمجھ نہ آیا اور انہوں نے فوراً سے لائٹ ہاؤس کے اسی گول کمرے کی طرف دوڑ لگا دی۔ جے جے نے صندوق کے اندر موم بتیوں کے لئے ہاتھ مارا جو اسے اندر پڑی ہوئی یاد تھیں ۔ بالآخر وہ کسی طرح موم بتیاں جلانے میں کامیاب ہو گئے ۔ کمرے کے چاروں طرف لوہے کا جنگلہ اور شیشے کی موٹی دیوار تھی جہاں سے خشکی اور سمندر دونوں نظر آتے۔ جے جے اور ایرک نے وہاں سے اس جہاز کو دیکھنے کے لئے جھانکا جس کی آواز انہوں نے سنی تھی۔ اپنی آنکھوں کے پپوٹے پھیلا کر دیکھنے سے جہاز کا ایک حصہ انہیں نظر آ ہی گیا۔
‘’وہ رہا!’‘ کیا ہم انہیں موم بتی کی یہ روشنی دکھا کر خبردار کر سکتے ہیں ۔’‘
‘’ شاید جب وہ جہاز پتھروں سے ٹکڑا کر پاش پاش ہو جائے تو تب ہی یہ روشنی نظر آسکے گی۔’‘ ایرک کے لہجے میں شدید مایوسی تھی۔ جے جے واپس مڑ کر قدم بڑھاتے ہوئے نیچے گول کمرے میں اتر گیا۔ اس جہاز تک پیغام پہنچانے کا کیا ذریعہ ہو سکتا ہے؟ وہ یہ سوچتے ہوئے آگے بڑھ رہا تھا۔ اس کے پیچھے ایرک بھی نیچے آ گیا۔ موم بتی کی مدھم روشنی میں جے جے کی نظر پینٹنگ پر پڑی۔ پینٹنگ میں موجود لہریں عجیب چمک پیدا کر رہی تھیں ۔ وہ اسے یوں ہی دیکھے جا رہا تھا۔ اچانک اس کے منہ سے چیخ نکل پڑی۔
‘’ایرک یہ دیکھو، یہ اس سے پہلے میں نے نہیں دیکھا۔’‘ا یرک نے جھک کر کشتی کے ایک طرف درج حروف پر انگلی رکھتے ہوئے کہا۔
‘’ایمپریس؟’‘ دونوں کے منہ سے وہاں لکھا ہوا لفظ متعجب لہجے میں ایک ساتھ نکلا۔
‘’ یہ پہلے کیوں نہیں نظر آیا؟’‘ ایرک بھی اپنی موم بتی کے ساتھ پینٹنگ پر جھک گیا۔
‘’ایرک!’‘ جے جے نے تقریباً چلاتے ہوئے کہا۔
‘’ یہ اس لیے نظر نہ آیا کیوں کہ پہلے کشتی چھوٹی تھی۔ یہ دیکھو اب یہ ساحل کے قریب ہو گئی ہے اور بڑی بھی۔’‘ایرک بھی پینٹنگ میں ہونے والی اس تبدیلی پر حیرت کے سمندر میں غوطے کھانے لگا۔
‘’ تو کیا یہ وہی کشتی ہے جو ابھی کوسٹ ٹاؤن کے کنارے کی طرف بڑھ رہی ہے۔’‘ایرک کے لہجے میں سخت حیرانگی تھی۔
یہ دونوں پے در پے آنے والے ان چونکا دینے والے لمحوں سے پوری طرح سنبھلے بھی نہ تھے کہ پھر ایرک کے ذہن میں اگلا خیال بجلی بن کر گرا۔
‘’ جے جے ! ، اس لاطینی تحریر کا سر گف نے جو مطلب بتایا تھا یاد کرو۔’‘
‘’اگر میں ڈوبنے کے قریب ہوں تو زور سے میرا نام لے کر آواز دینا۔’‘ جے جے ذہن پر زور ڈال کر آہستہ آہستہ وہ الفاظ دہراتا گیا۔ اب دونوں نے پینٹنگ سے نظریں ہٹا کر حیرانی کے عالم میں ایک دوسرے کو دیکھنا شروع کر دیا۔ پھر منہ سے کوئی لفظ نکالے بغیر سیڑھیوں کی طرف دوڑ لگا دی اور اوپر کے کمرے میں پہنچ کر شیشے سے لگ کر زور زور سے ایمپریس پکارنا شروع کر دیا۔ ‘’اوہو ، یہاں شیشے سے کیسے آواز جائے گی، کوئی کھڑکی وغیرہ تلاش کرو۔’‘ دونوں کو جلدی میں یہ یاد ہی نہ رہا۔ اب ایک کھڑکی کھول کر موم بتی کو ہوا سے بچاتے ہوئے دونوں نے اس کشتی کا نام لے کر پکارنا شروع کر دیا جو واقعی اس کشتی کا بھی نام تھا۔ کیپٹن ویلر نے اپنے شبہ کی بنیاد پر چند افراد کو دوربین سے دور تک جائزہ لینے کے لیے عرشے پر کھڑا کر دیا۔ چاند کی روشنی بھی کوئی ایسی نہ تھی کہ لائٹ ہاؤس کی عمارت کا گمان ہوتا جبکہ اس کے اوپر ٹمٹماتی ہوئی موم بتی کی لو بھی جہاز سے دکھائی نہ دی۔ کیپٹن ویلر کنارہ شروع ہونے سے پہلے پانی میں چھپے خطرناک پتھروں سے بے خبر جہاز کو چلائے جا رہا تھا کہ اس کی تیز سماعت کو کسی چیختی ہوئی آواز کا گمان گزرا۔ اس نے عملے کے ایک فرد کو یہ آواز سننے کا کہا تو اس نے کونے پر جا کر لفظ سننے کی کوشش کر ہی لی جو ان کے جہاز کے نام سے مشابہ تھی۔ کیپٹن ویلر اس آواز کے ساتھ محتاط ہو گیا اور اپنا جہاز روکنے کا فیصلہ کر لیا۔جہاز کے کنارے پر لگی روشنی ایرک اور جے جے کو صاف نظر آ رہی تھی اور وہ پوری کوشش کے ساتھ اسے اپنی طرف بڑھنے سے روک رہے تھے۔جب اس روشنی کی رفتار ہلکی ہو گئی تو ایرک نے جے جے کو روک کر اپنی کامیاب کوشش کی اطلاع دی۔ دونوں ہی اس کامیابی پر خوشی سے چلا اٹھے اور تب تک اس روشنی کو دیکھتے رہے کہ جب وہ رک نہ گئی۔
‘’چلو اب جلدی سے گھر چلتے ہیں ۔’‘ ایرک اور جے جے تا حال بجھے ہوئے بلب کے آگے موم بتی کرتے ہوئے نیچے آ گئے۔ اب اس پراسرار پینٹنگ کو آخری بار دیکھنے لگے۔ اب اس میں مزید کوئی تبدیلی محسوس نہیں ہو رہی تھی ۔
‘’ کیا یہ پینٹنگ ساتھ لے چلیں ۔ انکل براؤن اسے دیکھ کر شاید کوئی رائے قائم کرسکیں ۔’‘ ایرک نے پوچھا۔
‘’ نہیں میرا خیال ہے اسے یہیں پڑا رہنے دیتے ہیں ، صرف یہ کتاب اٹھا لیتے ہیں ۔’‘ جے جے نے کھلے ہوئے صندوق میں سے وہی کوسٹ ٹاؤن کی تاریخ نامی کتاب اٹھاتے ہوئے کہا۔ دونوں جلدی سے سیڑھیاں اتر کر نیچے آ گئے۔ پانی کچھ اتر چکا تھا اور قدم جمانے کے لئے پتھر بھی نظر آ رہے تھے۔
گھر پہنچ کر ایک مرتبہ پھر انہوں نے انکل براؤن کو لائٹ ہاؤس میں بیتنے والی عجیب کہانی سنائی۔ انکل براؤن ڈھونڈتے ہوئے لائٹ ہاؤس کا رخ کر چکے تھے لیکن پانی کا چڑھاؤ دیکھ کر واپس ہو کر اب انتظار کر رہے تھے۔
‘’اےسے کیسے ہو سکتا ہے، اندھیرے میں تم دونوں نے جونز ہارٹ کی کوئی اور پینٹنگ دیکھ لی ہو گی۔’‘ انکل براؤن ان کی باتوں کا یقین کرنے کو تیار نہ تھے۔
‘’ لیکن انکل وہ پینٹنگ ہم نے جاتے ساتھ ایک کرسی پر رکھ دی تھی اور دوبارہ بھی وہیں دیکھی۔ کسی اور کا تو سوال ہی نہیں پیدا ہوتا’‘ جے جے تعجب سے بولا۔
‘’لیکن یہ اتفاق کےسے ہو گیا کہ ہمیں نظر آنے والے جہاز کا نام بھی وہی تھا جو پینٹنگ میں لکھا ہوا ہے۔’‘ا یرک بولا۔
‘’ہاں یہی میں بھی سوچ رہا ہوں ۔’‘ انکل براؤن نے صفحات پلٹتے ہوئے کہا۔ وہ پہلے ہی ایرک کے ہاتھوں سے کتاب لے کر دیکھنا شروع ہو گئے تھے۔
ایرک نے انہیں ‘’دھوکہ کی داستان’‘ کے نام سے وہ تصویری کہانی دکھائی جسے وہ لائٹ ہاؤس کے گول کمرے میں پڑھ چکے تھے۔ انکل براؤن اس کے متعلق مزید معلومات کے لئے صفحات دیکھ رہے تھے کہ اچانک ان کی نظر ایک بڑی سی کشتی پر پڑی جو ہو بہو پینٹنگ جیسی تھی۔ انکل براؤن نے دونوں کو اس پر متوجہ کیا۔
‘’اچھا تو اس جہاز کا نام بھی ایمپریس تھا۔’‘ انکل براؤن نے مزید پڑھا۔’’ تو یہ17مئی 1785ءکو کوسٹ ٹاؤن کے لٹیروں کو دھوکہ دینے کی وجہ سے تباہ ہوا تھا اور جونز ہارٹ نامی مصور نے واقعہ سے متاثر ہو کر چند پینٹنگز بنائیں جن میں جہاز کو آہستہ آہستہ ساحل سے قریب ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔’‘
‘’اچھا تو انکل! اتنا عجیب اتفاق کہ اس نام کا ایک اور جہاز آج ان پینٹگوں کی وجہ سے تباہی سے بچ گیا۔’‘ ایرک نے کہا۔ جے جے اس دوران سوچ رہا تھا کہ دوسری پینٹنگ انہوں نے کب دیکھی۔
‘’چلو جو ہوا سو اچھا ہوا، اب سونے کی تیاری کرو۔’‘ انکل براؤن نے کتاب بند کر کے اسے چھپانے کی جگہ تلاش کرنے لگے تاکہ ان کے بھتیجے ان کے آخری الفاظ کو کتاب میں ڈھونڈنے کی کوشش نہ کریں ۔ کیوں کہ وہ خود بھی اس راز کو پانے میں ناکام رہے تھے۔
٭٭٭
خاموش قتل
سید کاشان جعفری
‘’ڈاکٹر وامق.... کیا کہہ رہے ہیں آپ.... اور کس سے کہہ رہے ہیں .... کچھ پتہ ہے آپ کو....؟’‘
‘’ جی سر.... میں اچھی طرح جانتا ہوں کہ کیا کہہ رہا ہوں .... اور کس سے کہہ رہا ہوں ....’‘ دوسری طرف سے ڈاکٹر وامق نے کہا۔
‘’ کیا آپ سچ کہہ رہے ہیں ؟’‘
‘’ یس سر.... میں بالکل سچ کہہ رہا ہوں ، وزیر ترقیات و تعمیرات کی موت ہو چکی ہے.... اور وہ بھی ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے .... جسے ایک انجکشن کے ذریعہ بڑھایا گیا تھا۔’‘
‘’یہ کیسے ہو سکتا ہے.... یہ ہونا تو ممکن ہی نہیں ۔ ‘‘
‘’ آپ ٹھیک کہہ رہے ہیں سر.... مگر ہونی تو ہو چکی ہے۔’‘
‘’ مگر وہ تو ڈاکٹر شمشاد کی نگرانی میں تھے ۔ ان کی ذمہ داری اور فرض شناسی پر تو کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ ‘‘ ڈاکٹر وامق نے کہا۔پھر ٹھہر کر ڈاکٹر وامق بولے۔ ‘’سر یہ ضروری تو نہیں کہ جس انجکشن سے وزیر ترقیات و تعمیرات کی موت واقع ہوئی ہے وہ ڈاکٹر شمشاد نے لگائے ہوں یا ان کی نگرانی میں ان کے علم میں لا کر لگائے گئے ہوں ۔’‘
‘’ نہیں ڈاکٹر وامق یہ ممکن نہیں .... ہم ڈاکٹر شمشاد پر ذرہ برابر بھی شک نہیں کر سکتے....’‘ڈاکٹر خان اپنے ایک ایک لفظ پر زور دیتے ہوئے بولے۔اسی لمحے ڈاکٹر خان کا بیٹا ولید وہاں پہنچا.... انہوں نے بات کو وہیں ختم کر دینے کے خیال سے کہا.... ‘’ٹھیک ہے.... میں ابھی وہیں پہنچ رہا ہوں ۔’‘ پھر فون کریڈل پر رکھتے ہوئے بیٹے سے کہا۔ ‘’ہاں ولید میاں کیا بات ہے؟ کیسے آنا ہوا؟’‘
‘’ڈیڈی.... آپ کو یاد نہیں کہ آج میرے ساتھ آپ کو کہاں چلنا ہے؟’‘
‘’ارے ہاں .... واقعی میں بھول گیا تھا۔ آج ۳۲ مارچ ہے۔ ‘‘
‘’ابو پانچ بج رہے ہیں اور ٹھیک چھ بجے میرا شو شروع ہو جائے گا۔’‘
‘’لیکن بیٹے....’‘
‘’لیکن ویکن کچھ نہیں ڈیڈی.... آپ ہر بار کوئی نہ کوئی بہانہ بنا دیتے ہیں جب دیکھو کام.... جب دیکھو کوئی نہ کوئی ایمرجنسی.... ہمارے لیے تو آپ کے پاس کوئی وقت ہے ہی نہیں .... ‘‘ولید نے باقاعدہ اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا.... ‘’لیکن آج میں کسی بھی قیمت پر آپ کو چھوڑوں گا نہیں .... ساتھ لے کر ہی چلوں گا۔’‘
یہ سن کر ڈاکٹر خان بڑی حد تک پگھل گئے مگر اسی لمحے ڈاکٹر وامق کا فون پھر آ گیا۔ ان سے گفتگو کرنے کے بعد انہوں نے ولید سے کہا ‘’بیٹے جو کچھ تم کہہ رہے ہو وہ حقیقت ہے۔ سچ ہے۔ ابھی تم نے خود دیکھا میں فون پر کیا بات کر رہا تھا۔ تمہیں شاید اندازہ نہیں کہ فون کرنے والے نے مجھے کیا پیغام دیا ہے۔ تم ضد نہ کرو۔ اپنے پروگرام میں شرکت کرو۔ جانتے ہو ہمارے اسپتال کے ڈاکٹروں کی نگرانی میں زیر علاج ایک صوبائی وزیر کی موت واقع ہو گئی ہے۔ وہ بھی کسی کی لاپروائی کی وجہ سے.... پوسٹ مارٹم رپورٹ نہ صرف حیرت انگیز اور چونکا دینے والی ہے بلکہ قصوروار ٹھہرائے گئے شخص کو سزائے موت تک دلوا سکتی ہے۔ مجھے تو محسوس ہو رہا ہے جیسے ہی یہ خبر عوام تک پہنچے گی لوگ جذبات سے بپھر جائیں گے۔ ایک ہنگامہ اٹھ کھڑا ہو گا۔ اس وقت میرا اسپتال پہنچنا بے حد ضروری ہے۔’‘
‘’ابو آپ....’‘
‘’باقی باتیں بعد میں بیٹا!’‘ڈاکٹر خان نے ولید کی بات کو درمیان سے ہی کاٹتے ہوئے بڑی نرمی اور شفقت سے کہا اور پھر بڑے بڑے قدم اٹھاتے وہاں سے چلے گئے۔
ولید کچھ دیر کھڑا سوچتا رہا۔ پھر وہ بھی باہر نکل کر اپنی گاڑی میں بیٹھا اور آرٹس کونسل کی طرف روانہ ہو گیا۔
ادھر ڈاکٹر خان کے دل و دماغ میں ایک طوفان سا اٹھا ہوا تھا۔ وہ ڈاکٹر وامق سے ہونے والی گفتگو پر برابر غور کر رہے تھے۔ ان کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ اب ہو گا کیا.... صوبے کے عوام اپنے اس ہر دلعزیز رہنما اور وزیر کی ڈاکٹروں کی لاپروائی سے ہونے والی موت پر کتنے شدید ردِ عمل کا اظہار کریں گے کیا وہ اسپتال کی انتظامیہ اور ڈاکٹروں کی لاپروائی کو معاف کر سکیں گے جب ایک عوامی رہنما ایک صوبائی وزیر.... جس پر خاص توجہ خاص نگرانی ، خاص انتظامات کیے گئے اور وہ لاپروائی سے موت کی آغوش میں چلا گیا تو عام مریض، عام آدمی کا کیا ہو گا؟
حقیقت تو یہ تھی کہ وزیر موصوف کی موت ایک قتل تھا.... مگر یہ قتل کس نے کیا.... کیسے کیا؟.... یہ کسی کو بھی معلوم نہیں تھا۔ ابھی تک تحقیقاتی سلسلے میں کوئی کاروائی نہیں کی گئی تھی۔ پاکستان کے تمام طبی ماہرین کا گروپ اس بات کو سمجھنے میں ناکام تھا کہ آخر انجکشن مرحوم وزیر کو دیا کیسے گیا۔ ان کے علاج میں کہیں بھی اس انجکشن کا کوئی ذکر نہیں تھا۔ جبکہ موت اسی انجکشن کی وجہ سے ہوئی تھی۔
وزیر ترقیات و تعمیرات شیخ امجد حیات کا سیاسی قد کچھ اس قدر بلند و بالا تھا کہ وہ ایک عزیز سیاسی و سماجی شخصیت ہی نہیں بے حد عوام دوست اور مذہبی حلقوں میں بھی احترام کی نظر سے دیکھے جاتے تھے۔ ان کی وزارت کے دوران صوبے میں اچھے ترقیاتی اور تعمیراتی کام ہوئے تھے۔ بہت سی عوامی استعمال کی جگہوں اور پلاٹوں پر سے انہوں نے ناجائز قبضہ ختم کرا کے وہاں پارک اور عوامی مراکز قائم کرائے تھے۔ سب سے بڑی بات تو یہ کہ ان سے ہر شخص ہر وقت مل سکتا اور اپنا مسئلہ حل کرا سکتا تھا۔ عوام میں ان کا بے حد احترام اور اثر و رسوخ تھا۔
جب وہ اسپتال میں بغرض علاج داخل کرائے گئے تھے تو انہیں معمولی سا بخار تھا لیکن کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ یہ معمولی سا بخار ان کے لیے موت کا سبب بن جائے گا۔
سب اپنی اپنی جگہ خاموش تھے کہ ڈاکٹر خان نے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا مریض کی ٹریٹمنٹ فائل کے مطابق شیخ امجد حیات صاحب کو آٹھ مارچ کو اسپتال میں داخل کیا گیا ۔ آج صبح گیارہ بجے انہیں ایک انجکشن لگایا جانا تھا اور جو انجکشن ان کے لیے تجویز کیا گیا تھا اس کے بدلے انہیں دوسرا انجکشن لگا دیا گیا جس کی وجہ سے ان کی موت واقع ہو گئی۔ یہ ساری تفصیل ان کی ٹریٹمنٹ فائل میں موجود ہے۔
غلط انجکشن لگانے کی وجہ سے وزیر موصوف کو برین ہیمرج ہو گیا اور اسی نے ان کی جان لے لی۔ اب سوال یہ اٹھتا ہے کہ وزیر موصوف کو وہ انجکشن کس نے اور کیوں لگایا.... اور کس کے کہنے یا مشورے پر ۔ اسی دوران ڈاکٹر فہیم بھی وہاں پہنچ گئے۔ ان کے ساتھ ڈاکٹر آفرین بھی تھیں ۔
جب کسی سے کچھ کہتے بن نہ پڑا تو ڈاکٹر آفرین نے کہا۔ ۲۲ مارچ کی رات آخری راؤنڈ والی ڈاکٹر میں خود تھی.... جہاں صوبائی وزیر موصوف داخل تھے چونکہ وہ مخصوص حصہ تھا وہاں کا ہر مریض اپنے اپنے ماہرین معالج کے کیبن میں تھا۔ وزیر موصوف کو بھی دس بجے جو انجکشن لگایا گیا تھا وہ ان کی میڈیکل ریزیوم کو کمپیوٹر اسکرین پر پڑھنے کے بعد ہی لگایا گیا تھا اور اس انجکشن کو لگانے والا کوئی اور نہیں میں خود تھی۔ ‘‘ کہہ کر ڈاکٹر آفرین لمحے بھر کے لیے رکیں ۔ پھر اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے بولیں .... ‘’مگر یہ یاد رہے کہ جس وقت میں نے انجکشن لگایا تھا اس وقت اسپتال کے وی آئی پی ٹائم کیپر احمد علی صدیقی اور اسپتال کا سوئپر ڈینیل مارش اور میری نائب نرس معطر نے بھی اپنی اپنی ڈائری میں نوٹ کیا تھا کہ مریض کی ٹریٹمنٹ ریزیوم میں جو انجکشن درج تھا وہی انہیں دیا گیا۔
ڈاکٹر آفرین نے جس طرح ٹائم کیپر اور سوئپر کا نام اور ساتھ ساتھ اپنی معاون معطر کا نام شامل کیا تھا اس کی وجہ سے ان پر کسی بھی قسم کے شک کیے جانے کا جواز ہی باقی نہیں رہتا تھا۔
‘’ڈاکٹر خان .... آپ کا کیا خیال ہے؟اس طرح ہونی کیسے ممکن ہو سکتی ہے۔’‘ ڈاکٹر شمشاد نے ایک طائرانہ نظر سب پر ڈالتے ہوئے سوال کیا۔
‘’یہی تو میں سوچ رہا ہوں کہ اس وقت میڈیکل ریزیوم میں جو انجکشن لکھا ہوا ہے وہ اس وقت تبدیل کیسے ہو گیا؟’‘
‘’آپ نے کمپیوٹر لاک کرتے وقت بھی تو چیک کیا ہو گا ۔’‘
‘’ یس سر.... جب میں یہاں سے گیا تھا تو کمپیوٹر لاک تھا اور جب میں واپس آیا اس وقت بھی وہ لاک ہی تھا۔ ‘‘ ڈاکٹر فہیم نے بتایا۔
سب کے دل و دماغ میں بس یہی ایک سوال گردش کر رہا تھا کہ پھر یہ سب کیسے ہو گیا.... اور اس غلطی کے نتائج سے وہ اپنی اپنی جگہ خوف زدہ بھی تھے۔ یہ ان کے پیشے اور ان کی عوامی ساکھ پر زبردست وار تھا۔
ڈاکٹر خان اپنے کمرے میں نڈھال پڑے سوچ کے گہرے سمندر میں غوطے کھا رہے تھے کہ ولید کی آواز کمرے میں گونجی۔ ‘’ابو .... ڈیڈی.... آپ کہاں ہیں ....’‘ اور کمرے کی لائٹ روشن کر دی۔
‘’ارے .... آپ .... یہاں اس طرح .... خیریت تو ہے بہت پریشان سے نظر آ رہے ہیں ۔ ‘‘ ولید نے اپنے ابو کو دیکھ کر سوال کیا۔ پھر ان کے جواب کا انتظار کیے بغیر خوشی سے چہکتا ہوا بولا۔ ‘’ابو آج کے پروگرام میں میری تقریر کو بہت سراہا گیا اور مجھے پہلے انعام کا مستحق قرار دیا گیا۔ اگر آپ پروگرام میں شریک ہوتے تو آپ بھی میری کامیابی پر پھولے نہ سماتے۔
ولید کی بات سن کر ڈاکٹر خان نے کہا
‘’ بیٹے.... اس وقت میری سمجھ میں کچھ نہیں آ رہا ہے.... کیونکہ آج میرے اپنے اسپتال میں ایک ایسی انہونی ہو گئی ہے جس نے ساری انتظامیہ اور ماہر ڈاکٹرز کے ذہن مفلوج کر کے رکھ دیئے ہیں ۔ ‘‘
‘’ایسی کیا انہونی ہو گئی ڈیڈ....’‘
‘’انہونی .... انہونی یہ ہوئی ہے کہ ایک اہم سیاسی رہنما اور صوبائی وزیر ہمارے یہاں زیر علاج تھے ان کی اچانک موت واقع ہو گئی ہے اور وہ بھی کمپیوٹر کی غلطی سے ۔’‘
‘’ کمپیوٹر کی غلطی سے....’‘ ولید نے حیرانی سے جملہ زیر لب دہرایا۔
‘’ہاں بیٹے کمپیوٹر کی غلطی سے .... ‘‘ ڈاکٹر خان نے اپنے بیٹے کو تفصیل سے آگاہ کیا۔
‘’ یہ تو بہت افسوس کی بات ہے۔ مجھے آپ سے اس طرح بات نہیں کرنی چاہئے تھی۔ ‘‘ ولید کمرے سے باہر نکل گیا۔ اسے اپنے باپ کی پریشانی اور مسئلے کی نزاکت کا احساس ہی نہیں ہو سکا تھا۔
کچھ دیر بعد ڈاکٹر خان اپنے ساتھ اسپتال سے لائی گئیں فائلیں دیکھ رہے تھے۔ دراصل ان سے کہا گیا تھا کہ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران جواب دینے کے لیے انتظامیہ کی طرف سے جواب بنا لیں .... اس لیے وہ وطن عزیز میں ہونے والے اس پہلے سائبر کرائم کو اچھی طرح خود سمجھنے کی کوشش کر رہے تھے۔
دوسرے دن صبح کے ہر عوام کے دلعزیز رہنما کے قتل کی تحقیقات پر اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی تھی۔ اب آگے پڑھئے کہ حکومت قتل کا سراغ لگانے میں کامیاب ہوئی یا نہیں ؟....
حکومت نے اب میڈیا کے دبا و میں آ کر اس قتل کی تحقیق کی ذمہ داری سی آئی بی کے حکام کو سونپی ہے۔سی آئی بی کو تحقیقات کرتے ہوئے ایک دو دن نہیں پورا ایک ماہ ہو گیا۔ مگر وہ بھی مجرم تک پہنچنے میں ناکام رہی۔ اخبارات محکمہ پولیس اور صوبائی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ سی آئی بی کے حکام کی ناکامی پر طنزیہ جملوں میں باتیں کرنے لگے تھے۔ انہوں نے کالم بھی لکھے اور کارٹون بھی شائع کیے۔ مگر سب بے سود ہی رہا۔ گھوم پھر کر ایک ہی سوال رہ گیا تھا کہ آخر وہ کون ہے جس نے لاک کمپیوٹر میں نقب لگا کر یہ واردات کی۔
سینئر ڈاکٹر اور انتظامی چیف ہونے کے ناطے ڈاکٹر خان اپنے گھر میں اپنے ادارے کی بدنامی اور رسوائی پر غور و فکر کر رہے تھے اور واردات کے ذمہ دار کا پتہ لگانے کی کوشش میں مصروف تھے کہ فون کی گھنٹی نے انہیں اپنی طرف متوجہ کر لیا۔ انہوں نے ہاتھ بڑھا کر ریسیور اٹھایا اور کان سے لگا کر بولے
‘’ہیلو .... ‘‘ دوسری طرف سے آواز آئی۔
‘’ڈاکٹر صاحب، السلام علیکم ! میں کراچی سے سائبر انجینئر کاشف لطیف بات کر رہا ہوں ۔ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ جو کام آپ یا آپ کی حکومت کے ادارے انجام نہ دے سکے۔ اسے انجام دینے میں آپ کی مدد کر سکتا ہوں ۔ آپ کراچی میں کہاں سے بول رہے ہیں ۔ ڈاکٹر خان نے سوال کیا۔
ڈاکٹر صاحب یہ اتنا ضروری نہیں ہے۔ آپ یہ جان لیں کہ میں نیو یارک میں ہیکنگ سائبر کے معاملات دیکھنے والا واحد پاکستانی ہوں ۔ میں یہ کام اس لیے کرنا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت یہ سمجھ سکے کہ جن نوجوانوں کی صلاحیتوں کو وہ نظر انداز کرتی ہے وہ کیسی کیسی بے مثل صلاحیتوں کے مالک ہیں اور وہ اپنے وطن اور اہل وطن کی کس طرح خدمت کر سکتے ہیں .... اور فون کا رابطہ کٹ گیا۔ لیکن ڈاکٹر خان کے چہرے پر سے تفکرات کے بادل چھٹ گئے۔ وہ سوچوں کے بھنور سے نکل آئے ان کی آنکھوں میں چمک اور لبوں پر مسکراہٹ کھل اٹھی۔
دوسرے دن ڈاکٹر خان اپنے چیمبر میں بیٹھے ہوئے تھے کہ فون کی گھنٹی اپنی مخصوص آواز میں بج اٹھی۔ ڈاکٹر خان نے ریسیور اٹھایا تو ادھر سے کل ہی والی آواز سنائی دی۔’’ ڈاکٹر خان .... السلام علیکم ، میں کاشف سائبر انجینئر بات کر رہا ہوں ۔ کیا آپ اس وقت مجھ سے ملنا پسند کریں گے۔’‘
‘’کیوں نہیں ؟ مجھے آپ سے مل کر یقیناً خوشی ہو گی۔’‘ ڈاکٹر خان نے خوشگوار انداز میں کہا۔ ٹھیک ہے تو پھر میں آپ کے پاس دس پندرہ منٹ میں اسپتال پہنچ رہا ہوں ۔ دوسری طرف سے آواز آئی اور رابطہ منقطع ہو گیا۔
ابھی چند منٹ ہی گزرے تھے کہ آواز آئی۔
‘’ السلام علیکم، کیا میں اندر آسکتاہوں ۔’‘
انہوں نے کھڑے ہو کر استقبال کرتے ہوئے اندر آنے کی اجازت دی۔ ان کے سامنے ایک خوبصورت خوش لباس نوجوان بڑی خود اعتمادی سے کھڑا تھا۔
‘’ ڈاکٹر صاحب .... میرا تعلق اسی کراچی شہر سے ہے۔ آج کل میں چھٹیاں گزارنے یہاں آیا ہوا ہوں ۔ میں نے اخبارات میں آپ کے اسپتال میں ہونے والی ایک اہم شخصیت کی موت کے بارے میں پڑھا اور مجھے امید ہے کہ انشاء اﷲ یہ معمہ حل کرنے میں کامیاب ہو جاؤں گا۔
ڈاکٹر خان کاشف سے پہلی مرتبہ نہیں مل رہے تھے۔ ہاں اس انداز اور اس روپ میں ان کی کاشف سے یہ پہلی ملاقات ضرور تھی۔ حالانکہ وہ کاشف سے پہلے بھی مل چکے تھے۔ یہ ان دنوں کی بات ہے جب کاشف ایک طالب علم تھا۔اور اس کالج میں ان کا بیٹا ولید بھی۔ کاشف کی دوستی اسلامی ذہن رکھنے والے طالبعلموں سے تھی۔ جبکہ ڈاکٹر خان کو ان دنوں مذہب سے تعلق رکھنے والوں سے خدا واسطے کا بیر سا تھا۔ اسی لیے انہوں نے اپنے بیٹے ولید کو کاشف کے ساتھ اٹھنے بیٹھنے سے بڑی سختی سے منع کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مذہبی لوگ قدیم فرسودہ خیالات کے مالک ہوتے ہیں ۔ تم ان کے ساتھ رہو گے تو جدید دنیا سے دور ہو جاو گے۔ یوں انہوں نے ولید کو تو پابند کر دیا تھا مگر کاشف نے اس سے رابطہ برقرار رکھا تھا۔ یہ اس کی دینی تعلیم کا اثر تھا۔
کاشف کو سائنس سے دلچسپی تھی۔ اس نے ایم ایس سی کرنے کے بعد کمپیوٹر انجینئرنگ کی طرف توجہ کی اور جلد ہی اپنی ذہنی اور خداداد صلاحیتوں کے سبب امریکہ میں اسکالر شپ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ نیویارک میں اس کی شہرت اور اس کے کردار و اخلاق کا اثر یہ ہوا کہ اسے انٹرپول جیسے بین الاقوامی ادارے میں سائبر انجینئر کے عہدے کے لیے منتخب کر لیا گیا۔ وہ انٹرپول کا پہلا پاکستانی اور مسلمان شخص تھا جسے یہ اہم عہدہ سونپا گیا تھا۔
ڈاکٹر خان نے میز پر رکھی فائلوں کو خاموشی سے کاشف کی طرف بڑھا دیا۔ کاشف اب فائلوں میں گم تھا۔ اسی وقت قریبی مسجد سے ظہر کی اذان بلند ہوئی اورکاشف ڈاکٹر خان سے اجازت لے کر فائل سمیت سیدھا مسجد جا پہنچا۔
نماز پڑھنے کے بعد وہ اپنے گھر چلا گیا۔ کھانے سے فارغ ہونے کے بعد کاشف نے زمانہ طالبعلمی کے دوست واصف کو فون کیا۔ واصف جسے تعمیرات کے کاموں سے دلچسپی تھی اور تعلیم مکمل کر لینے کے بعد ایک بلڈر کے ساتھ منسلک ہو گیا تھا۔
‘’کہاں ہو بھائی.... ‘‘اس نے سلام کے بعد پہلا سوال کیا اور واصف نے اسے اپنے ساتھ چائے پر شام کو مدعو کر لیا۔
شام کے وقت دونوں ایک کیفے میں ملے۔ واصف نے بھی بڑی گرم جوشی کا اظہار کیا اور پھر دونوں ماضی کے دور طالب علمی کی باتوں میں کھو گئے۔ کون کہاں ہے؟ کیا کر رہا ہے؟ باتوں باتوں میں واصف سے تعمیراتی باتوں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔ وہ جس بلڈر کے ساتھ وابستہ تھا وہ ایک اچھا اور نامور بلڈر تھا۔ اس کا اثر و رسوخ وزارت ترقیات و تعمیرات میں بھی تھا۔ وزارت ترقیات و تعمیرات کے ذکر پر کاشف کو اپنی بات کرنے کا موقع مل گیا۔ کچھ اور باتیں ہوئیں تو کاشف سے واصف نے کہا کہ وہ اس سے تعاون کرے تو اس موت کے راز سے پردہ اٹھا سکتا ہے۔ واصف نے کہا۔ میں سمجھا نہیں ۔ اس موت کے راز سے پردہ اٹھانے کے لیے بھلا میں تمہاری کیا مدد کر سکتا ہوں ۔
ہاں شاید تم یہ بات اس لیے کہہ رہے ہو کہ یہ ایک سائبر کیس ہے اور کمپیوٹر ، نیٹ یا سائبر سے تمہارا کیا تعلق .... کیوں ؟ ہے نا یہی بات.... مگر تمہارے تعاون کے بعد شاید میں اس راز سے جلدی پردہ اٹھانے میں کامیاب ہو جاؤں گا۔ کیونکہ تمہارا تعلق تعمیرات کرنے والے ایک بڑے اور ملک کے اہم ادارے سے ہے۔
چلو ، ٹھیک ہے میں تعاون کروں گا۔ مگر کس طرح ؟ واصف نے اپنی رضا مندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔
ٹھیک ہے میں اس سلسلے میں کل پھر تم سے ملوں گا ۔ تم یہیں اسی وقت اس کیفے میں مجھ سے ملنا۔ کہتے ہوئے کاشف نے کھڑے ہو کر بڑی گرمجوشی سے ہاتھ ملایا اور السلام علیکم کہتے ہوئے رخصت ہو گیا۔
ادھر ڈاکٹر خان ہیڈ آف دی منیجمنٹ ہوتے ہوئے شہریوں اور اعلیٰ حکام کے سخت دباؤ میں تھے۔ وزیر موصوف کے ایک حامی نے تو دھمکی دیتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ اگر حقائق عوام کے سامنے نہ لائے گئے تو خود ان کی موت بھی ہو سکتی ہے۔ اور ڈاکٹر خان اس دھمکی سے بے حد خوف زدہ تھے۔
کاشف نے آج ہی ان سے کہا تھا کہ آج اسے کچھ قانونی دستاویز تیار کرنے ہیں اس سلسلے میں وہ ان سے صبح کو ملنا چاہتا ہے اور یہ ملاقات وہ پولیس ہیڈ آفس میں کرے گا جہاں سے اسے کیس کے متعلق پولیس کی اب تک کی تحقیق درکار ہے۔ وہ وہیں مل جائیں اور میڈیکل رپورٹس سے متعلق فائلیں بھی اسے دے دیں ۔
شام کو کاشف نے واصف سے رابطہ کیا اور اس سے ملنے کے لئے کہا۔ واصف نے اسے پانچ بجے کے بعد طارق روڈ پر واقع ایک کیفے میں ملنے کے لیے وقت دے دیا۔
شام کو پانچ بج کر بیس منٹ پر دونوں دوست کیفے میں ملے ۔ رسمی گفتگو کے بعد کاشف اصل موضوع پر آ گیا۔
‘’ دراصل مجھے کراچی کا ماسٹر پلان چاہیے۔ پھر قدرے ٹھہر کر بولا۔
‘’واصف .... کیا تمہارے باس کی مرحوم صوبائی وزیر شیخ امجد حیات سے کوئی رنجش تھی۔’‘
‘’ ہاں ....تھی تو سہی۔ واصف نے کچھ سوچتے ہوئے کہا۔
وہ کس لیے.... کاشف نے اس کے چہرے پر اپنی نظریں جماتے ہوئے سوال کیا۔
دراصل اس کی وجہ کراچی کا ماسٹر پلان ہی تھا۔ اس پلان کی زد میں میرے باس کی پانچ فیکٹریاں اور دو شاپنگ پلازے آ رہے تھے اور اس کے علاوہ تین رہائشی فلیٹوں کے بلند و بالا منصوبے بھی.... واصف نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا اور یہ تفصیلات سنتے ہی کاشف کی آنکھوں میں غیر معمولی چمک آ گئی اور واصف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کاشف نے اپنی جیب سے ایک چمکدار بٹن جیسا گول خوبصورت ٹکڑا نکالا اور واصف کی طرف بڑھاتے ہوئے کہا ۔
اسے اپنے پاس رکھ لو.... یہ ایک جدید اور نہایت ہی حساس قسم کا ٹیپ ریکارڈر ہے۔ تم اسے اس کرسی کے ساتھ منسلک کردینا جو کرسی تمہارے باس استعمال کرتے ہیں ۔
دو دن بعد یہ ٹیپ ریکارڈر تم مجھے واپس لا کر دو گے.... اب تو مجھے صرف تمہارے اس کام کو کر دینے کا ہی انتظار ہے۔ اور دو دن بعد واصف نے اپنے وعدے کے مطابق وہ ٹیپ اور کراچی کے ترقیاتی منصوبے کی فائل کاشف کے حوالے کر دی۔ کاشف نے اس ٹیپ ریکارڈر میں محفوظ کی ہوئی ڈیجیٹل گفتگو کو ایک عام ٹیپ ریکارڈر پر منتقل کیا تو اس کی آنکھیں خوشی سے چمکنے لگیں ۔ پورے تین سو منٹ کا تیار آڈیو کیسٹ جب رات کو اطمینان سے کاشف نے سنا تو ایک جگہ کی گفتگو سن کر وہ حیران رہ گیا۔ دراصل وہ چودھری حمید کا نام سن کر چونکا تھا۔ اس نے یہ نام نیند کی حالت میں نہیں اپنے پورے ہوش و حواس میں سنا تھا۔ اس نے فوراً ہی ٹیپ کو ذرا سا پیچھے کیا اور دوبارہ سنا۔ یہ نام کسی عام شخص کا نہیں تھا۔ کاشف کو اچھی طرح معلوم تھا کہ امریکہ میں یہ نام رابرٹ مائیکل نامی سائبر ہیکر کے بہت ہی اہم رکن کا نام ہے۔
کاشف کو یہ بھی معلوم تھا کہ رابرٹ مائیکل کی ٹیم سے الگ ہو کر چوہدری حمید کو پاکستان کے انڈر ورلڈ گروپ نے امریکہ سے زیادہ معاوضے پر اپنے ساتھ کام کرنے کے لئے رکھ لیا تھا۔ اسے یہ بھی علم تھا کہ آج کل چوہدری حمید کراچی میں کوئی ویب سائٹ بھی چلاتا ہے۔ اور پھر اسے اس نتیجے تک پہنچنے میں ذرا بھی دیر نہیں لگی کہ شاید حمید نے کراچی کا ماسٹر پلان برباد کرنے کے لیے ہی یہ سب کچھ کیا ہے۔
صبح ہوتے ہی کاشف کراچی پولیس کے ہیڈ آفس پہنچا اور وہاں سے کچھ ضروری کاغذات تیار کرانے کے بعد ڈاکٹر خان کو بھی وہیں بلوا لیا اور کراچی پولیس کے چند اہم افسروں کو ساتھ لے کر اپنے مشن کی تکمیل کے لیے وہاں سے چل پڑا۔
ڈاکٹر خان ابھی تک کاشف کی تمام سرگرمیوں کا مطلب سمجھ نہیں سکے تھے لیکن انہوں نے کاشف کی آنکھوں میں چمک اور چہرے پر سکون و اطمینان کے سائے لہراتے دیکھ کر یہ اندازہ ضرور کر لیا تھا کہ وہ کامیابی کے قریب پہنچ چکا ہے۔ وہ دل ہی دل میں اس کی کامیابی کے لیے دعا بھی کر رہے تھے۔
12بج کر پچاس منٹ پر پولیس حکام اور ڈاکٹر خان کے ساتھ کاشف ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی میں قائم شاپنگ اسٹار سائبر ایجنسی میں پہنچا جہاں چوہدری حمید اپنی ویب سائٹ چلایا کرتا تھا۔ چودھری حمیداس طرح اچانک پولیس کا سامنا کرنے کے لیے قطعی تیار نہیں تھا۔ وہ پولیس کو اپنے سامنے دیکھ کر بری طرح چونک گیا۔ خود کو معمول کے مطابق پر سکون ظاہر کرنے لگا۔ مگر اس کے چہرے پر آیا ہوا پہلا تاثر کاشف اور پولیس حکام کی تیز نظروں سے چھپا نہ رہ سکا تھا۔ مگر جب اسے یہ معلوم ہوا کہ اس کی سائبر ایجنسی پر چھاپہ مارنے والا کاشف صدیقی ہے تواس کے چہرے پر حیرت اور گھبراہٹ کے آثار پھر ابھر آئے۔
امریکہ میں رہنے کی وجہ سے چوہدری حمید کاشف کے نام اور اس کی خداداد صلاحیتوں سے بے خبر نہیں تھا۔ اس لیے اس نے خاموشی سے مزاحمت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا اور پولیس ہیڈ آفس پہنچتے پہنچتے وہ پوری طرح ڈھیلا پڑ گیا۔
جب پولیس نے معلومات کے لیے اس سے سوالات کا سلسلہ شروع کیا تو اس نے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ چار اگست کو شہر کے معروف بلڈر شیخ ابوالحسنات احمد نے بلا کر کہا کہ یہیں ٹھہرو.... تمہارے لیے دبئی سے کال آنے والی ہے۔ دبئی سے کال کا نام سنتے ہی ایک بارگی تو میں سکتے میں پڑ گیا لیکن پھر اس کال کا انتظار کرنے لگا۔ دس منٹ بعد وہ کال آ گئی۔ جیسے ہی ریسیور میں نے کان سے لگایا تو مجھے معلوم ہوا کہ ادھر سے انڈر ورلڈ کا سربراہ بات کر رہا ہے۔ اس نے مجھ سے کہا کہ شیخ ابوالحسنات احمد جیسے کہیں اس کے مطابق ان کا کام کر دو۔ میں یہ سن کر گھبرا گیا۔ مگر میرے پاس اس کام سے انکار کرنے کا کوئی راستہ نہیں تھا کہ میں شیخ ابوالحسنات احمد کی بات سنوں اور اسی پر عمل بھی کروں ۔ جب میں نے شیخ ابوالحسنات احمد سے بات بتانے کے لیے کہا تو اس نے سوال کیا کہ کیا میں کسی لاک کمپیوٹر کو کھول کر اس کی فائل بدل سکتا ہوں ۔ تمہیں اس کام کا معاوضہ پانچ لاکھ روپیہ ملے گا۔ میں پیسے کے لالچ میں تو نہیں ہاں انڈر ورلڈ سربراہ کے حکم سے مجبور ہو کر اس کام کے لئے تیار ہو گیا لیکن اس وقت تک مجھے اصل پروگرام کا علم نہیں تھا۔
14اگست کو مجھے پروگرام کے متعلق بتایا گیا کہ نو بج کر پینتالیس منٹ پر مجھے اسپتال کی ویب سائٹ کھول کر اس میں تبدیلی کرنی ہے۔ میں نے ایسا ہی کیا تھوڑی سی جدوجہد کے بعد مجھے اپنے مقصد میں کامیابی حاصل ہو گئی اور جب میں نے اپنی کامیابی کے بارے میں شیخ صاحب کو بتایا تو وہ خوش ہو گئے۔
اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق میں نے لاک کمپیوٹر کو نو بج کر پچاس منٹ پر کھول کر اس میں لکھے انجکشن کا نام بدل دیا اور انجکشن لگائے جانے کے وقت کے گزرنے کا انتظار کرنے لگا۔ دس بج کر دس منٹ پر میں نے پھر وہی پہلے والے انجکشن کا نام ریزیوم میں لکھ کر کمپیوٹر کو لاک کر دیا اور اس کام کا نتیجہ وہی ہوا جس کا ہمیں انتظار تھا یعنی وزیر موصوف کی موت....
کراچی پولیس ہیڈ آفس میں اس اقبالی بیان کو سننے کے لیے تمام پولیس افسران اور اعلیٰ حکام اور سرکردہ اخبار نویس ، صحافی، الیکٹرونک میڈیا کے نمائندے موجود تھے۔ سب کے منہ حیرت سے کھلے کے کھلے رہ گئے۔
دوسرے دن اخبارات میں جب اس خاموش قتل کی تفصیلات شائع ہوئیں تو تمام پڑھنے والے حیران رہ گئے۔ اور جب انہیں یہ بات معلوم ہوئی کہ یہ کارنامہ ایک پاکستانی کا ہے جو امریکہ سے یہاں اپنی تعطیلات گزارنے کے لیے آیا ہوا ہے تو خوشی اور حیرت میں مزید اضافہ ہو گیا۔
ڈاکٹر خان کو جب ان کے بیٹے ولید نے کاشف کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ ابو یہ وہی کاشف ہیں جن سے میری دوستی پر آپ کو اعتراض تھا تو وہ بھی حیرت سے کاشف کو دیکھتے ہوئے بولے۔
‘’ معاف کرنا بیٹے.... میں نے تمہیں غلط سمجھا۔ تم نے تو واقعی حیران کن ترقی کی ہے۔ ایسی ترقی کا تو میں تصور بھی نہ کر سکتا تھا۔ کاش میں نے ولید کو تم سے الگ نہ کیا ہوتا تو آج یہ بھی ملک کی خدمت کرنے کے قابل ہوتا۔
انکل .... دراصل یہ آپ کا قصور نہیں ان لوگوں کی ذہنیت کا قصور ہے جو اسلامی تعلیمات کو صرف روزے ، نماز، حج اور زکوٰة تک محدود کرتے ہیں اسلام تو زندگی کے ہر ہر شعبے پر نافذ کرنے والا دین ہے۔ اسلام نے ہی دنیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سائنسی تحقیقات کی تعلیم دی۔ ہمارے وہ قرون اولیٰ کے مسلمان سائنسدان اور موجد اس کی واضح اور زندہ مثال ہے۔
تم نے بالکل ٹھیک کہا بیٹے.... مجھے بھی اپنا لٹریچر لا کر دینا میں بھی اپنے اندر تبدیلی لانے کی کوشش کروں گا۔ ڈاکٹر خان نے کہا اور اپنے جدید نظریات اور نام نہاد روشن خیالی سے دل ہی دل میں تائب ہو کر صحیح اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا فیصلہ کر لیا ۔ ان کے اسپتال میں ہونے والا ایک خاموش قتل ان کی اصلاح کا راستہ بھی دکھا گیا تھا۔
میں یہی خبر شہ سرخیوں میں نظر آ رہی تھی۔ ایک اخبار نے تو یہاں تک لکھ دیا تھا کہ وزیر ترقیات و تعمیرات شیخ امجد حیات کو ان کے سیاسی مخالفین نے اسپتال کی انتظامیہ سے مل کر قتل کرایا ہے۔
تیسرے دن ایک قومی اخبار نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ قاتلوں کی پہنچ سے اب اسپتال بھی محفوظ نہیں رہے۔ جس کا ثبوت اہم سیاسی شخصیت ، عوامی رہنما اور صوبائی وزیر شیخ امجد حیات کی نامعلوم قاتل کے ہاتھوں موت ہے....
٭٭٭
امی ابو
شازیہ فرحین
‘’امی گھر پر نہیں ہیں ۔’‘ تانیہ نے ناجی سے کہا۔
‘’کک کک کیا.... امی گھر پر نہیں ہیں ! آخر کہاں گئیں !! وہ تو کہیں بھی نہیں جاتیں ۔’‘ ناجی نے تشویش سے سوچا اور ہاتھ میں پکڑا رجسٹر میز پر رکھ دیا۔
‘’مگر تم اب تک کہاں تھیں ۔’‘ تانیہ نے سوال داغا۔
‘’تمہیں اس سے کیا مطلب، ظاہر ہے دیر سویر تو ہو جاتی ہے، آج امی کی پوچھ گچھ کا فریضہ تم انجام دے رہی ہو....’‘
‘’نہیں نہیں مجھے تو فکر کھائے جا رہی ہے کہ آخر میری پیاری سی امی کہاں گئیں ۔’‘ تانیہ نے پریشانی سے دونوں ہاتھوں سے اپنے سر کو تھاما۔
‘’ابو کے آنے کا وقت تو ہو گیا ہے، ہو سکتا ہے ابو کو اس بات کا علم ہو۔’‘ ناجی نے گھڑی پر نظریں جمائیں ۔
اور پھر دس بھی بجے اور گیارہ پھر بارہ بھی مگر آج تو ابو کا بھی اتہ پتہ نہ تھا۔
ہاں البتہ بارہ بجے کے بعد حسب معمول جنید گھر میں داخل ہوا۔
‘’امی امی۔’‘ جنید حسب معمول امی امی پکارتا ہوا ڈائننگ روم میں آیا۔ مگر تانیہ اور ناجی کو فکر مند دیکھ کر اس کی بھی سٹی گم ہو گئی۔ امی ابو دونوں لاپتہ تھے۔
‘’ایسا مت کرو نیلو آنٹی کو فون کرو، شاید انہیں کچھ علم ہو۔’‘ ناجی نے تانیہ سے کہا۔
‘’تم خود بھی تو کر سکتی ہو، مجھ سے ہر کام کروانے کی تمہیں عادت پڑ چکی ہے۔’‘ تانیہ نے ناک سکریٹری۔
‘’ایسے آڑے وقت میں بھی تم لڑائی کرو گی، حد ہوتی ہے۔’‘ ناجی نے پلکوں پر آئے ہوئے آنسوؤں کے ننھے قطروں کو ٹشو پیپر میں جذب کیا اور خود ہی فون کے ڈائل میں انگلیاں الجھانے لگی۔
‘’جنید بھائی امی ابو آخر کہاں گئے، ابو کے آفس تو فون کر کے دیکھیں ۔’‘ ناجی نے تجویز پیش کی۔
‘’مگر میری بھولی بہن، رات ایک بجے آفس میں کوئی بھی نہیں ہوتا۔’‘
اب تو جنید بھی پریشانی کے عالم میں ادھر ادھر ٹہل رہا تھا۔
‘’جہاں بھی جانا ہے آخر بتا کر تو جاتے ، انہیں ہماری پریشانی کا کچھ علم ہی نہیں ۔’‘ جنید نے اپنی جینز کی جیب سے چابی نکالتے ہوئے کہا۔
‘’یہی بات تو امی بھی آپ سے روز کہتی تھیں ۔’‘ ناجی نے روتے ہوئے کہا۔
‘’بس خاموش ہو جاؤ اپنی بک بک بند کرو۔’‘ جنید نے غصے سے دانت پیسے۔
‘’دیکھو یہ وقت لڑنے کا نہیں بلکہ اپنی پریشانی کو شیئر کرنے کا ہے کہیں ایسا تو نہیں کہ خدانخواستہ امی ابو کسی مصیبت میں گرفتار ہو چکے ہوں ۔’‘ ناجی نے بہت کچھ سوچتے ہوئے کہا۔
‘’کہیں کوئی روڈ ایکسیڈنٹ ....’‘
‘’بس بس اس سے آگے ایک لفظ بھی نہ بولنا، ورنہ میں تمہارا سر توڑ دوں گی۔’‘ ناجی تو اب زار و قطار رونے کو تھی۔
‘’امی ابو پلیز جلد آ جائیں نا، ہم آپ کے بغیر نہیں رہ سکتے....’‘ ناجی روتی جاتی اور خود کلامی کے سے انداز میں کہتی جاتی۔
رات کے دو بج چکے تھے اور اب تو جنید کی بھی سٹی گم تھی۔دونوں کے موبائل سے بھی کوئی جواب نہ آ رہا تھا،دونوں کے موبائل فون بھی بند تھے۔
‘’ میں اب باہر پتہ کرتا ہوں ۔’‘ جنید نے گاڑی کی چابی نکالی۔
‘’لیکن ہم اکیلے گھر پر نہیں رہ سکتے، ہم بھی ساتھ چلیں گے۔’‘ تانیہ اور ناجی دونوں نے اپنے اپنے اسکارف سنبھالے اور گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھ گئیں ۔
‘’ پہلے سجیلہ آنٹی کے گھر پتہ کرتے ہیں ۔’‘ تانیہ نے تجویز پیش کی۔
‘’بیوقوف یہ وقت آنٹیوں کے گھر پتہ کرنے کا نہیں اس سے بہت برا تاثر ابھرے گا، میں تو اسپتالوں میں پتہ کرنے نکلا ہوں ۔ ‘‘
‘’ لیکن امی ابو بیمار تو نہیں ۔’‘ تانیہ نے معصومیت سے کہا۔
‘’ارے میری بھولی بہن انہیں کوئی حادثہ بھی تو پیش آسکتا ہے ورنہ آدھی رات تک دونوں کا گھر سے باہر رہنا کیا معنی رکھتا ہے۔
‘’ نہیں نہیں جنید بھائی ایسا نہ کہیں ۔’‘ تانیہ نے اپنے سینے پر ہاتھ رکھا اور اب وہ پھر بلکنے لگی۔
‘’امی پیاری امی آپ کہاں ہیں .... ابو آپ ہی آ جائیں ہم اکیلے نہیں رہ سکتے....’‘ تانیہ کی بڑبڑاہٹ جاری تھی اور پھر ڈیڑھ گھنٹے کی ڈرائیو کے بعد وہ تینوں اک بار پھر گھر پر تھے۔
‘’ابو تو اتنے غیر ذمہ دار نہیں ۔’‘ جنید نے گویا اک حتمی رائے دی۔
‘’بہرحال اب ہم سب سے جتنا ہو سکتا تھا ہم نے کر لیا، اب ایسا کرتے ہیں ہم سب صلوٰة حاجات پڑھنا شروع کر دیتے ہیں ، اﷲ تعالیٰ کے آگے جھکنے سے مسئلے خود بخود حل ہو جاتے ہیں ۔’‘ ناجی نے رائے دی اور پھر کچھ ہی دیر بعد وہ تینوں مصلّے پر تھے۔
ناجی اور تانیہ تو باقاعدہ رو رہیں تھیں جبکہ جنید کی پلکوں پر بھی ننھے ننھے آنسو ڈول رہے تھے۔ کچھ دیر بعد نماز سے فارغ ہوئے تو تینوں امی ابو کے کمرے میں جا دھمکے ۔دونوں کے نہ ہونے سے وہاں گہرا سکوت تھا۔
امی کی آرام کرسی خالی تھی، امی کا چشمہ، دوائیاں ، رومال سب کچھ سائیڈ ٹیبل پر دھرا تھا جبکہ ابو کی کتابیں ، گاؤن اور پائپ بھی قریب ہی رکھا تھا۔
ناجی نے یونہی بے خیالی سے امی کا دراز کھول لیا۔ مگر یہ کیا! اس میں تو ان تینوں کے نام خط تھے۔سب سے پہلے تینوں نے جنید کے نام لکھا خط کھولا۔
‘’پیارے اور میرے راج دلارے جنید!
میں اور تمہارے ابو یہاں سے جا رہے ہیں ، اس لیے کہ ہم دونوں تمہارے معمولات زندگی سے بہت پریشان ہیں تم سے ہر دفعہ کہتے آئے ہیں کہ جلد گھر لوٹا کرو اور اگر کسی معقول وجہ سے دیر بھی ہو تو اطلاع کر دیا کرو مگر یہ تو تمہاری توہین ہے کہ تم اپنی امی کی پریشانی کا ذرا خیال کر لو اور جلدی گھر آنے کی کوشش کر لو، اب شاید تمہیں احساس ہو گیا ہو گا کہ اطلاع نہ کرنے سے اور گھر دیر سے لوٹنے سے تمہاری امی کے دل پر روز کیا گزرتی ہو گی۔’‘
خط پڑھ کر جنید کی آنکھوں میں آنسو ڈول گئے۔
‘’ امی مجھے معاف کر دیں ۔’‘ جنید کی آنکھیں بھیگی جا رہی تھیں ۔ دوسرا خط تانیہ اور ناجی کے نام تھا۔
پیاری ناجی اور تانیہ!
میں اور تمہارے ابو یہاں سے جا رہے ہیں ۔ اب یہ سارا گھر تم دونوں کے سپرد ہے ۔ تم لوگ ہمارے یہاں سے جانے کو اپنی سزا سمجھو کیونکہ غیر ذمہ داری کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔ سہیلیوں کے ساتھ مل کر پڑھنے کا معاملہ ہو یا دیر سے گھر لوٹنا ہو ، دونوں صورتوں میں اپنی امی کو اطلاع کر دینا گویا کچھ ایسا ضروری نہیں ۔ اب تو روز تم لوگوں کا انتظار کرتے ہوئے اور دروازوں کو تکتے ہوئے میں بلڈ پریشر کی مریض بن چکی ہوں ۔ اب تم لوگ آزاد ہو۔ اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارو۔جس وقت جی کرتا ہے لوٹو کوئی تمہارا انتظار نہیں کرے گا۔
تینوں کی آنکھیں خط پڑھ کر اشک بار تھیں ، تینوں ہی خاموش سسکیاں بھر رہے تھے اور پھر ناجی نے غور و فکر سے دوبارہ خط پڑھنا شروع کیا اور ان سب کی توجہ خط کے نیچے لکھے ہوئے ایک گمنام نمبر پر دلائی۔
جنید کی آنکھیں سخت متورم تھیں ، دھندلائی ہوئی آنکھوں سے اس نے بے ساختہ ہی نمبر ملایا۔ دوسری طرف امی تھیں ۔
‘’امی ہم تینوں آپ سے سخت شرمندہ ہیں ، ہم آپ کو کبھی شکایت کا موقع نہیں دیں گے....پلیز ہمارے پاس آ جائیں ....!!’‘ جنید کی آواز ابھری اور پھر کچھ دیر بعد امی ابو کی گاڑی گھر کے پورچ میں داخل ہوئی ۔ وہ تینوں باہر کی طرف دوڑے اور پھر ان تینوں کی بھیگی پلکیں اور مسکراتے لب امی ابو کے فراخ سینے میں چھپے ہوئے تھے۔
٭٭٭
ہائے ر ے تکیہ کلام
محمد شاہد حفیظ
گرمیوں کی چھٹیاں ہونے کو تھیں ۔ ہم نے سوچا کہ اس بار چھٹیوں میں کچھ نیا کیا جائے۔ سوچنے بیٹھے تو سوچتے چلے گئے۔ ہمارے دماغ میں کچھ نہیں آنا تھا سو نہ آیا(دماغ میں کچھ ہوتا تو آتا)۔ اس مسئلے کا حل تلاش کرنے کے لئے اپنے کزنز کو بلایا اور مشورہ طلب کیا۔
‘’ہمیں چھٹیاں انجوائے کرنی ہیں تو سیدھا اسلام آباد جانا چاہیے۔’‘ عمر نے مشورہ پیش کرنے میں بسم اﷲ کی۔
‘’ سیدھا جانا ضروری ہے کیا؟ ٹیڑھا کیوں نہیں ۔’‘ شہاب نے ہمیشہ کی طرح اپنی ماری۔
‘’یار ہمیں کہیں جانے کی ضرورت نہیں ، ہم اپنے گھر میں ہی کچھ نیا کریں گے۔’‘ حیدر نے بھی اپنا حصہ ڈالا۔
‘’اوہو، اگر اپنے گھر میں کچھ نیا ہوتا تو میں تمہیں کیوں بلاتا؟ مشاورتی اجلاس کیوں بلایا جاتا؟ ہم بولے۔
‘’بھئی میری بھی سنو۔’‘ یہ ایمان تھی جو پورے اجلاس میں خاموش بیٹھی تھی۔
‘’ہمیں دادا کے گاؤں جانا چاہیے وہاں چھٹیاں گزارنے میں بہت مزہ آ جائے گا۔’‘
‘’بہت اچھے.... تم نے زبردست تجویز پیش کی ہے۔ صدر مجلس تمہاری تجویز سراہتے ہوئے اس پر عمل کے احکامات جاری کرتے ہیں ۔’‘ ہم نے ایمان کو داد و تحسین سے نوازا اور پروگرام فائنل کر لیا۔ چند روز گن گن کے گزارے اور چھٹیاں ہو گئیں ۔ ہم سب نے اپنا بوریا بستر باندھا، والدین سے اجازت لی اور گاؤں روانہ ہو گئے۔ ہمارے دادا حضور گاؤں میں رہائش پذیر تھے۔ ان کا گاؤں بہت خوبصورت تھا۔ سرسبز لہلہاتے کھیت، تازہ پھل اور سبزیاں اور درختوں کی میٹھی چھاؤں میں زندگی گزارنے کا اپنا ہی مزہ تھا۔ دادا جان بات سے بات نکالنے میں استادوں کے استاد تھے اور خود بھی بڑی باتیں بناتے تھے۔ جن سے بوریت ہونا لازم و ملزوم ہو جاتا اور تو اور دادا جان کے دوست بھی ان جیسی طبیعت رکھتے تھے۔ ہمارے پروگرام میں یہ طے تھا کہ گاؤں جا کر دادا کے بجائے اپنے مشوروں پر چلیں گے۔
گاؤں پہنچے تو دادا ابو نے ہمیں خوش آمدید کہا۔ دادی جان کے بعد وہ اکیلے حویلی میں رہتے تھے۔ نوکر چاکر اور اپنے دوستوں سے دل بہلاتے رہتے تھے۔ زمینداری سے ان کو فرصت بھی کہاں ملتی تھی۔
‘’بھئی بچو! تم نے بہت ہی اچھا کیا یہاں آ کر، اس طرح تمہارے دادا کا دل بھی بہل جائے گا۔ اب تم لوگ آرام کرو۔ شام کو کھانے کے بعد گپ شپ ہو گی۔’‘ دادا جان چلے گئے اور ہم سب سفر کی تکان دور کرنے کے لئے جو لیٹے تو شام ہو گئی۔ نوکر نے ہمیں بیدار کیا اور کہا کہ نہا دھو کر کھانے کی میز پر اکٹھے ہوں ۔ دادا حضور انتظار فرما رہے ہیں ۔
کھانے کی میز پر اکٹھے ہوئے تو دادا کی گفتگو بھی شروع ہو گئی۔ وہ نئے نئے تکیہ کلام استعمال کرنے کے عادی تھے۔
بھئی بچو! کچھ روز قبل مجھے لاہور جانے کا اتفاق ہوا۔ یہاں گاؤں میں پڑے پڑے اکتا گیا تھا سوچا کہ کچھ سیر سپاٹا ہی کر لیا جائے۔ جب میں کیا نام وہاں گیا تو تقریباً سب قابل دید مقامات کی کیا نام سیر کی اور وہ کیا نام مینار پاکستان بھی دیکھا۔ وہ جو مشہور قلعہ ہے کیا نام ہے اس کا؟’‘
‘’جی شاہی قلعہ۔’‘ عمر نے لقمہ دیا۔
‘’ ہاں کیا نام شاہی قلعہ بھی دیکھا اور کیا نام بادشاہی مسجد بھی دیکھی اور وہ کیا نام باغ بھی دیکھا، خوب ہے وہ باغ کیا نام....؟
‘’جی شالا مار باغ۔’‘ شہاب نے بتا ڈالا۔
‘’ تو کیا نام شالا مار باغ بھی دیکھا اور بچو لاہور کی بہت سی دوسری چیزیں اور کیا نام مشہور مقامات بھی دیکھے۔’‘
‘’ ہم تو اس ’کیا نام‘ سے تنگ آ چکے تھے۔ جی میں آیا کہ کھانا چھوڑ کر چلے جائیں مگر کھانے کی بے ادبی کا خیال آتے ہی بیٹھ گئے۔ ایمان بھی مسلسل پیچ و تاب کھا رہی تھی۔
چند لمحے خاموشی اختیار کرنے کے بعد دادا پھر شروع ہو گئے۔
‘’ میں نے کہا بھئی بچو، میں عجب مصیبت میں گرفتار ہوں ، نہ صرف آدمی بیمار ہیں بلکہ میں نے کہا جانور تک علیل ہیں ، کچھ سمجھ نہیں آتا کہ کیا کروں ۔ آج صبح جب حکیم صاحب آئے ، میں نے کہا۔
‘’ کیا کہا آپ نے ، حکیم صاحب سے؟’‘ ہم نے انتہائی معصومیت سے پوچھا۔
‘’ میں نے کہا حکیم صاحب سے یہ کہا کہ آپ بھی ہمارے ہاں تنگ آ گئے ہوں ۔ وہ بولے ایسا مت کہئے میں تو آپ کا غلام ہوں ، میں نے کہا....؟’‘
‘’ کس نے کہا؟ حکیم صاحب نے یا آپ نے؟’‘ ایمان تنگ آ چکی تھی۔
‘’حکیم صاحب نے میں نے کہا ۔ اس کے بعد وہ پوچھنے لگے کہ دوائیوں پر کس قدر خرچ آ چکا ہے، میں نے کہا۔ اور پھر کسی طرح کھانا سب نے کھا لیا تو دادا کے اس تکیہ کلام سے بھی جان چھوٹی۔
اگلے روز صبح صبح دادا حضور نے ہمیں جگایا اور حکم نازل کیا کہ میں نے تمہارے لیے اخبار منگوایا ہے۔ شہر میں اخبار کے عادی ہو گے ناں اس لیے ۔ جلدی سے اٹھو، اخبار خود بھی پڑھو اور مجھے بھی پڑھ کر سناؤ۔
ہم ہاتھ منہ دھو کر صحن میں پہنچے تو دادا پلنگ پر گاؤ تکیہ لگائے حقہ نوش فرما رہے تھے۔ ہم اخبار پڑھنا شروع کر دیتے ہیں لیکن وہ اپنے حقے میں اس قدر مشغول ہیں کہ ہم بڑی سے بڑی قسم کھا کر کہہ سکتے ہیں کہ وہ ایک لفظ نہیں سن رہے تھے۔ غالباً انہیں ڈر تھا کہ انہیں یوں مصروف دیکھ کر کہیں ہم چلے نہ جائیں ۔ اس لیے وہ کبھی کبھار ہمیں ایک ‘’اچھا’‘ سے سرفراز فرما رہے تھے۔ ہم نے انہیں جانچنے کے لیے ایک خبر پڑھی بلکہ گھڑی۔’’ایک بیکار نوجوان نے ملازمت مل جانے کی خوشی سے بے قابو ہو کر خودکشی کر لی۔ اس خبر سے شہر میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ مزید اطلاعات کا انتظار ہے، پولیس تفتیش کر رہی ہے۔’‘
‘’اچھا ۔’‘ انہوں نے حقے کا ایک ‘’کش’‘ لگایا۔
پھر کیا تھا، ہم خبریں ’پڑھتے‘ ہی گئے۔دریائے سین میں سخت طوفان۔ ہزاروں آدمی چلو بھر پانی میں ڈوب کر مر گئے۔ فصلیں ڈوب گئیں ۔
‘’اچھا۔’‘ وہ بدستور حقے میں مبتلا تھے۔
‘’جزائر شرق الہند کے براعظم میں بہت بڑا سیاسی جلسہ، لیڈر کی جوشیلی تقریر، جس نے باشندوں کو غیرت دلاتے ہوئے کہا کہ اگر تم میں ذرا سا بھی حب الوطنی کا مادہ ہے اور تم سچ مچ اپنے ملک سے محبت کرتے ہو ، اسے دیگر ممالک کی طرح ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہو تو مجھے ووٹ دے کر دکھاؤ۔’‘
‘’اچھا.... اچھا۔’‘
‘’اچھ.... آہاہاہا؟’‘
غرض یہ کہ ہم نے آدھ گھنٹے تک خبریں پڑھیں ۔ حتیٰ کہ خبریں ختم ہو گئیں ۔ ہمیں اشتہار سنانے پڑے۔ مگر ان کی ‘’اچھا’‘ ختم نہ ہوئی۔ بعد میں علم ہوا کہ یہ ان کا نیا تکیہ کلام تھا۔ سارا دن ہم نے بوریت میں گزارا۔ دادا کی باتوں بلکہ ان کے تکیہ کلاموں سے بچتے بچتے شام ہو گئی۔ شام کے بعد دادا نے اعلان فرمایا کہ رات کو ہمارے ایک شکاری دوست آ رہے ہیں ۔ ان کے اعزاز میں دعوت طعام رکھی گئی ہے۔ تمام بچے تیار رہیں ۔ شکاری صاحب بھی آن پہنچے۔ ان کے بارے میں انکشاف ہوا کہ وہ اس قدر باتونی ہیں کہ عشاء کے بعد اپنی داستان شروع کرتے اور صبح کی اذان سن کر ختم کرتے۔ کھانے کے بعد انہوں نے شیر کے شکار سے بسم اﷲ کی ،بولے
‘’ رات کے کوئی دو بجے ہوں گے، گھپ اندھیرا ، ہُو کا عالم ، گھنے جنگل کی بھیانک رات، میں مچان پر بیٹھا شیر کا منتظر تھا۔ ایسے میں کس قسم کے خیالات آتے ہوں ، آپ کے لیے اندازہ لگانا مشکل ہے۔’‘
‘’ پھر کیا ہوا؟’‘ دادا بولے۔
‘’ذرا ہی آہٹ پر میں چونک پڑتا، پتہ کھڑکتا تو میرا دل دھڑکنے لگ جاتا، اندھیرا ایسا تھا کہ ستاروں کی روشنی بھی ختم ہو کر رہ گئی تھی، وہ ایسی ڈراؤنی رات تھی کہ بس کیا بتاؤں ۔’‘
‘’بہت خوب ! تو پھر کیا ہوا؟’‘ دادا بولے۔
‘’اتنے میں ایک عجیب سا شور سنائی دیا۔ جیسے جنگل کا جنگل جاگ اٹھا ہو، پرندے اپنی بولیاں بولنے لگے، درندے دھاڑنے لگے، غرض یہ کہ طوفان سا آ گیا۔’‘
‘’ پھر کیا ہوا؟’‘ دادا بولتے چلے گئے۔
اس مرتبہ شکاری نے بہت برا منہ بنایا اور بولے۔
‘’اتنے میں ایک زبردست گرج سنائی دی، جیسے کوئی ایٹم بم پھٹ پڑا ہو، بچو آپ نے جنگل کے شیر کی گرج نہیں سنی، چڑیا گھر کے شیر کی گرج سنی ہو گی۔ اس کی گرج اصلی شیر کے مقابلے میں بلی کی میاؤں میاؤں سے زیادہ نہیں ۔’‘
‘’اچھا ! تو پھر کیا ہوا؟’‘ دادا پوچھتے ہی چلے گئے۔
شکاری صاحب کا چہرہ سرخ ہو رہا تھا۔
‘’میں نے بندوق تانی، نشانہ باندھا اور لب لبی دبا دی لیکن کچھ نہ ہوا۔ اچانک مجھے یاد آیا کہ بندوق تو خالی ہے۔ کار توس تھیلے میں بند تھے اور
تھیلا درخت کے نیچے گھاس میں پڑا تھا۔ کچھ دیر تو میں سوچتا رہا کہ کیا کروں اور کیا نہ کروں ، آخر جان پر کھیل کر نیچے اترنے لگا۔ شیر نے میری طرف گھورا۔
‘’ آپ سوچیں اس وقت میری کیا حالت ہو گی؟’‘
‘’سوچ لی! پھر کیا ہوا؟’‘ دادا بھی دادا تھے۔
‘’ پھر یہ ہوا’‘ شکاری صاحب جھلا کر بولے ‘’ مجھے یاد آیا کہ دو کارتوس میری جیب میں بھی پڑے ہیں ۔ جلدی سے نکال کر بندوق میں بھرے اور فائر کیا، گولی شیر کی پیشانی پر لگی۔’‘
‘’یعنی کہ شیر مر گیا، پھر کیا ہوا؟’‘ دادا بھی آخر ہمارے دادا تھے۔
‘’ پھر کیا ہوا؟’‘ شکاری صاحب اپنے بالوں کو نوچتے ہوئے اٹھ کھڑے ہوئے، شاید یہ کہنا چاہتے تھے کہ پھر میرا سر ہوا۔
وہی شکاری صاحب جن کے متعلق مشہور تھا کہ داستان شروع کریں تو ختم ہونے کا نام نہ لیتی تھی۔ اب پانچ منٹ میں ہتھیار ڈال کر بھاگ کھڑے ہوئے۔ ہمیں پھر بعد میں معلوم ہوا کہ دادا اسے تنگ نہیں کر رہے تھے بلکہ یہ تو ان کا نیا تکیہ کلام تھا۔خیر اسی طرح ہم نے کوئی ایک ہفتہ دادا کے ہاں گزارا اور خوب مزے کیے۔ واپسی کے وقت دادا جان ‘’ بھئی رکو’‘ کہے جا رہے تھے جبکہ ہم نے اسے بھی ان کا نیا تکیہ کلام قرار دے ڈالا۔
٭٭٭
ٹوبہ سے ٹوبہ تک
ابن انشاء
ٹوبہ ٹیک سنگھ تو مشہور جگہ ہے جسے منٹو مرحوم نے اپنے ایک افسانے سے مشہور تر کر دیا ہے لیکن معلوم ہوا کہ دنیا میں ٹوبے اور بھی ہیں ۔ بہاولپور کے علاقے میں تو قدم قدم پر ٹوبہ ہے قائم ٹوبہ، مراد ٹوبہ، محراب ٹوبہ، جمالو والاٹوبہ، کھاریوالہ ٹوبہ، گل والا ٹوبہ، عین والا ٹوبہ، متوالی والا ٹوبہ، دادن والا ٹوبہ، یہ والا ٹوبہ اور وہ والا ٹوبہ، لیکن جاپان میں ہم ہفتے کی شام شاداں و فرحاں جس اسٹیشن پر جا کر اترے اس کا نام بھی ٹوبہ تھا۔
پنجابی میں ٹوبہ کا مطلب جوہڑ ہے، پانی کا تال۔ ہم نے اپنے جاپانی دوستوں سے کہا دیکھئے پنجابی اور جاپانی میں کتنی چیزیں مشترک ہیں ۔ اسی لفظ ٹوبہ ہی کو لیجئے ۔ ہم تھوڑی اور تحقیق کریں جس کے لیے آپ کی حکومت کو ہمیں وظیفہ دے کر بلانا چاہیے تو یہ ثابت کرنا مشکل نہیں کہ کسی زمانے میں پنجاب اور جاپان ایک ہی تھے یا کم از کم ان کی سرحدیں ملی ہوئی تھیں ۔ ناموں میں دیکھئے پ ن ج ا دونوں میں مشترک ہیں بس ایک حرف ادھر سے ادھر ہو گیا ہے۔ خصوصیات بھی ملتی جلتی ہیں ۔ آپ لوگوں نے باہر کی مصنوعات کی نقلیں بناتے بناتے اتنی ترقی کی۔ ہم بھی ایسا ہی کر رہے ہیں ۔ باہر کوئی فلم بنتی ہے تو دوسرے دن ویسا ہی بلکہ اس سے اچھا چربہ بنا لیتے ہیں ۔ آپ لوگ ریڈیو بناتے ہیں ۔ ہم ریڈیو سنتے ہیں ۔ آپ لوگ کاریں بناتے ہیں ۔ہم ان پر چڑھتے ہیں ۔ آپ ٹیپ ریکارڈ بناتے ہیں ۔ ہم ان پر گانے سنتے ہیں ۔ آپ جن چیزوں کو برآمد کرتے ہیں ۔ انہی کو ہم درآمد کرتے ہیں غرضیکہ کچھ لمبا چوڑا فرق نہیں آپ میں اور ہم میں ....
ہماری تقریر لمبی ہو رہی تھی۔ ہمارے جاپانی دوست نے قطع کلام کرتے ہوئے کہا ‘’تو گویا تمہارے ہاں بھی کوئی ٹوبہ ہے....’‘
ہم نے کہا ‘’ایک تھوڑی ہے۔ قدم قدم پر ٹوبہ ہے۔ صرف بہاولپور کے علاقے میں تین سو تینتالیس ٹوبے ہیں ۔’‘
بولے۔ ‘’تمہارے ہاں ٹوبہ کا کیا مطلب ہے؟’‘ ہم نے کہا ‘’ٹوبہ کا مطلب ہے جوہڑ ، پانی کا جوہڑ ۔ جیسے یہاں ہم دیکھ رہے ہیں ۔ یہ سامنے پانی جو ہے ٹوبہ ہی ہے۔ ‘‘ کہنے لگے۔ ‘’ یہ جوہڑ تو نہیں ہے یہ تو بحر الکاہل ہے۔’‘ واقعی ہم سوچ رہے تھے کہ یہ ٹوبہ اتنا بڑا کیوں ہے۔ اس کا دوسرا کنارہ کیوں نظر نہیں آتا۔ ہم نے کہا اصل تو دونوں کی ایک ہی ہے۔ فرق چھوٹے اور بڑے کا ہے۔ بحر الکاہل بھی تو اﷲ میاں کا ٹوبہ ہی ہے۔’‘
فرمانے لگے ‘’جاپانی زبان میں اس کا مطلب ہے، پرندے کا پر۔’‘ ہم نے کہا ‘’ یہ نہیں ہو سکتا کوئی با ہوش آدمی بحر الکاہل کے اس ساحلی شہر کا اس قسم کا بے محل نام نہیں رکھ سکتا۔ ضرور پرانی جاپانی میں ٹوبہ کا مطلب جوہڑ ہو گا۔ جوہڑ کے کنارے ، مرغابیاں اور دوسرے پرندے آ کر بیٹھنے لگے اور پر پھڑپھڑانے لگے تو کسی لال بجھکڑ نے سمجھا کہ پرندے کے پر کو ٹوبہ کہتے ہیں ۔ یہ سارا معاملہ صاف ہو سکتا ہے اگر تھوڑی سی ریسرچ ہم پنجاب اور جاپان کے مشترک ورثوں پر کریں اور اس کے لیے حکومت جاپان ہمیں وظیفہ دے کر....
خیر ٹوبہ کچھ بھی تھا۔ تھی عجیب رومان پرور جگہ اور ہمارا ہوٹل ٹوبہ انٹرنیشنل عین سمندر کے نٹ پر تھا۔ سمندر سے کچھ خلیجیں اندر چلی گئی ہیں ۔ ان میں سے کچھ جہاز آ کر ہمارے سامنے لنگر انداز ہو رہے تھے۔ اسی نواح میں وہ جزیرے ہیں جہاں موتی ملتے ہیں ۔ جاپان کے مشہور موتی، مکی موٹو کے موتی۔ وہ سامنے کا جزیرہ کہلاتا ہے، پرل آئی لینڈ ہے یعنی جزیرہ مروارید۔ یہاں ہم نے موتیوں کو چمکانے کا کارخانہ بھی دیکھا۔ بالٹیوں اور تغاروں میں موتی بھرے تھے۔ جی چاہا ہم بھی جھولی بھر لیں پھر باز آئے۔ ایک تو اس لیے کہ ہماری طبیعت میں فقر اور درویشی ہے اور دوسرے اس لیے کہ ان کے پہرے دار دیکھ رہے تھے۔
٭....٭
یہ جگہ جس کے نواح میں ایسا شیما کے جنگلات واقع ہیں جن کو نیچرل پارک کہتے ہیں جاپان کے جنوب مشرقی ساحل کے پاس واقع ہے۔ ٹوکیو سے ہکاری اور پھر وہاں سے نگویا جائیے۔ دو گھنٹے کی راہ ہے۔ وہاں سے دوسری ریلوے لائن لے کر ٹوبہ۔اس میں دو گھنٹے مزید لگیں گے۔ ہکاری کو بلٹ ٹرین بھی کہتے ہیں یعنی گولی ٹرین کیونکہ یہ دنیا کی سب سے تیز رفتار گاڑی مانی جاتی ہے۔ رفتار اس کی ہے تیس میل فی گھنٹہ ۔ ہم نے کبھی گولی چلائی، نہ کبھی گولی کھائی۔ اس گاڑی کی رفتار سے گولی کی رفتار کا اندازہ بھی ہوا۔ پاکستان میں یہ ٹرین چلے تو کراچی سے لاہور کی مسافت چھ گھنٹے کی رہ جائے۔
ہم نے ایک بار پہلے بھی اس سے سفر کیا ہے جب کشفی صاحب سے ملنے اوساکا گئے تھے۔ کیا صاف ستھری ٹرین ہے اور جب ساتھی ہوں تو ہنستے کھیلتے گاتے بجاتے منزلیں طے کرتے جاتے ہیں ۔ جاپان کی خوب صورتی کے کیا کہنے کہ اس کی صورتوں میں بھی ہے۔ اس کے مناظر میں بھی ہے۔ اس کے اطوار میں ہے لیکن اب تک جنتے قریے قصبے دیکھے۔ ٹوبہ اور اس کے نواحات ان سب سے بڑھ کر پر بہار اور دل نشیں پائے۔
جی یہ کہتا تھا یہاں سے نہ اٹھاؤ ڈیرے
ہم کو وطن عزیز بہت یاد آیا
جاپان میں اب کے ہمیں وطن عزیز بہت یاد آیا۔ ایک روز تو بہت ہی یاد آیا۔ ہائے یہاں کی آزادی کہ کوئی روکنے والا نہیں ، کوئی ٹوکنے والا نہیں ۔ سگریٹ کا ٹکڑا تو خیر معمولی چیز ہے۔ آپ کسی بھی دفتر کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے کسی بھی سینما کے غسل خانے میں ہاتھ دھوتے ہوئے دیوار پر پان کی پیک پھینک سکتے ہیں ۔
ایک روز ہمیں پیاس لگی۔ لگتی تو روز ہی تھی لیکن یہ واقعہ ایک ہی روز کا ہے۔ ہم امان اﷲ سردار کے ساتھ ان کی کار میں جا رہے تھے ہم نے کہا کچھ پینے کو جی چاہتا ہے ۔ کوکا کولا وغیرہ۔ سامنے ہی مشین تھی۔ اس میں سکے ڈالے اور ایک ڈبہ کوکا کولا امان اﷲ سردار نے لیا، ایک ہم نے پیا۔ پی تو لیا اب سوال یہ تھا کہ خالی ڈبہ کہاں پھینکئے۔ اپنا ملک ہوتا تو تردد کی کوئی بات نہ تھی۔ گھما کے بیچ سڑک کے پھینک سکتے تھے اور اس کے لڑھکنے کا تماشہ دیکھ سکتے تھے۔ ورنہ فٹ پاتھ پر ڈال دیتے۔ جاپان میں ایسی آسانیاں نہیں ۔ سڑکوں فٹ پاتھوں پر گھاس کا تنکا نہیں ہوتا۔کاغذ کا پرزہ تک نہیں ہوتا۔ ناچار خالی ڈبے کار ہی میں رکھ لیے۔ ایک ویران سی جگہ پر کھمبے کے ساتھ ٹکانے کو تھے کہ پاس کے ہوٹل سے ایک چوکیدار نکل آیا۔ اس نے ہمیں غور سے تاڑا۔ ہم پھر کار میں آ کر بیٹھ گئے۔ ایک پارک کی باڑ کے ساتھ پھینکنے کے لیے ہاتھ اونچا کیا ہی تھا کہ ایک سنتری نے سیٹی بجا دی۔ایک گٹر نظر آیا۔اس کا منہ کھلا ہوتا تو اس میں ڈال دیتے لیکن وہاں گٹروں کے ڈھکن کوئی نہیں چراتا اور ہمارا اس کام کے لیے ڈھکن اٹھانا ہمیں اپنی شان کے خلاف نظر آیا۔ اس کے چند روز بعد پھر، ہم ان کی کار میں بیٹھے ۔ کوکا کولا کے دونوں ڈبے ان کی ڈگی میں پڑے تھے اب تک پڑے ہوں گے۔ آپ ہی کہئے ایسے میں وطن یاد آتا کہ نہ آتا۔ ہماری تو آنکھوں میں آنسو تک بھر آئے تھے۔
٭٭٭
وہ ایک حادثہ
سید ظہران جلیس
پرسوں جمعہ کا دن ہمارے خلائی مرکز کی تاریخ میں ایک بہت ہی اہم ترین دن ثابت ہو گا۔ پرسوں ہمارے خلائی مرکز میں تیار کردہ مصنوعی سیارہ البیرونی خلا میں چھوڑا جائے گا۔ پروفیسر شمشاد نے اپنے بیٹے ولید اور اس کی امی نجمہ خاتون سے کہا۔
مگر ابو جی.... روس اور امریکہ تو انسان کو خلائی سفر پر بھیج چکے ہیں ۔ ہم صرف مصنوعی سیارہ ہی خلا میں کیوں بھیج رہے ہیں اس پر کسی انسان کو کیوں نہیں .... ولید نے اپنے ابو سے سوال کیا۔
بیٹے یہ تو ہماری ابتدا ہے۔ انہوں نے بھی اسی طرح شروع شروع میں مصنوعی سیارے ہی خلا میں بھیجے تھے۔ پروفیسر شمشاد نے بڑے پیارسے ولید کو سمجھاتے ہوئے کہا۔ اس تجربے کی کامیابی کے بعد ہم دیکھیں گے کہ اس خلائی جہاز میں موجود ایک کتا ، ایک بلی اور دو خرگوشوں پر کیا اثرات مرتب ہوئے ہیں پھر انہی تجربات کی روشنی میں خلا ئی سفر کے لیے انسان کو بھیجنے کی کوشش کریں گے فی الحال تو ہمارا یہ مصنوعی سیارہ خلا میں رہتے ہوئے ہمارے لیے خلائی معلومات فراہم کرے گا۔ ہماری سرحدوں کی خفیہ نگرانی کا فریضہ انجام دے گا اور غیر ممالک کی جاسوسی سرگرمیوں پر نظر رکھے گا۔ جمعہ کے دن صبح نو بجے اس کی روانگی کے لئے الٹی گنتی شروع ہو جائے گی۔
ابو جی.... کیا آپ البیرونی کی روانگی سے پہلے اسے مجھے دکھا سکتے ہیں ۔ ولید نے جھجکتے ہوئے پروفیسر شمشاد سے کہا۔ میں روانگی سے پہلے البیرونی کو دیکھنے کی شدید خواہش رکھتا ہوں ۔
ہے تو یہ بہت ہی مشکل کام ۔ اصل میں ان دنوں خلائی تحقیقاتی مرکز کی سیکوریٹی کا بہت سخت اور خصوصی انتظام ہے۔ بقول شخصے کسی پرندے کو پر بھی مارنے کی اجازت نہیں ۔ ہمارے دوست کم ہیں اور دشمن زیادہ۔ وہ ہماری سائنسی ترقی سے خوش نہیں ہوتے حسد کرتے اور نقصان پہنچانے کے درپے رہتے ہیں ۔ اس لیے سیکورٹی بہت ہی سخت رکھی گئی ہے اور کسی بھی بیرونی شخصیت کو مرکز میں داخلے کی اجازت نہیں ۔ پھر بھی میں اپنے ڈائریکٹر سے اپنے طور پر بات کر کے اجازت لینے کی کوشش کروں گا۔
کھانے سے فارغ ہو کر پروفیسر شمشاد خلائی تحقیقاتی مرکز چلے گئے۔ اب ولید دل ہی دل میں دعا کر رہا تھا۔ اﷲ کرے ابو جی کو اپنے ڈائریکٹر سے اجازت مل جائے تو روانگی سے پہلے میں البیرونی کو اچھی طرح دیکھ سکوں گا۔
شام کے وقت پروفیسر شمشاد جب دوبارہ گھر واپس پہنچے تو انہوں نے ولید سے کہا۔ بیٹے آپ کے لیے ایک خوشخبری ہے۔تمہاری خواہش کے مطابق اﷲ تعالیٰ نے تمہاری دعا سن لی ہے اور ڈائریکٹر نے مجھے اجازت دے دی ہے ۔ اب تم اکیلے ہی نہیں اپنے دوستوں کے ساتھ البیرونی کو دیکھ سکتے ہو۔
سچ ابو.... الحمد ﷲ .... یا اﷲ تیرا لاکھ لاکھ شکر ہے۔ ولید نے دعا کے لئے ہاتھ اٹھاتے ہوئے کہا۔ اس کے لبوں پر شکر کے کلمات تھے۔
اگلے دن ولید اپنے تینوں قریبی دوستوں ارمغان، سلیم اور احمد کو ساتھ لیے خلائی تحقیقاتی مرکز پہنچ گیا۔ داخلہ پاس جانچنے اور جامہ تلاشی لینے کے بعد انہیں خلائی مرکز میں داخلے کی اجازت مل گئی ۔ وہ تیز تیز قدم اٹھاتے اس مقام تک پہنچ گئے جہاں ایک اچھے بلند پلیٹ فارم پر البیرونی کو رکھا گیا تھا۔ البیرونی ایک طویل گول پائپ کی صورت کا بنا ہوا تھا۔ اس کے ساتھ راکٹ منسلک تھے۔ راکٹ کی بالائی نوک چھلی ہوئی پینسل کی صورت میں نظر آ رہی تھی۔ اس لمحے پروفیسر شمشاد بھی وہاں پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا۔ آ و بچو.... تمہیں سیارہ قریب سے دکھا دوں ۔
ولید اور اس کے ساتھی پروفیسر کے پیچھے پیچھے سیڑھیاں طے کرتے ہوئے پلیٹ فارم کے اوپر پہنچ گئے۔ ولید اور اس کے دوست بڑی حیران کن نظروں سے البیرونی کو دیکھ رہے تھے۔ پروفیسر شمشاد نے اپنی شہادت والی انگلی کی مدد سے ایک بٹن دبایا تو البیرونی کی دائیں جانب ایک کھڑکی نما دروازہ خود کار طریقے سے کھل گیا اور پروفیسر شمشاد اس دروازے سے ولید اور اس کے دوستوں کو لیے ہوئے اندر داخل ہو گئے۔
ولید اور اس کے دوست یہ سوچ سوچ کر خوش ہو رہے تھے کہ اتنی بڑی دنیا میں شاید وہی سب سے کم عمر خوش نصیب طالب علم ہیں جو ایک مصنوعی سیارے کواس کی روانگی سے پہلے دیکھ رہے ہیں ۔ سیارے کے اندرونی حصے میں تاروں کا ایک جال سا پھیلا ہوا تھا۔ قطب نما جیسے کئی ڈائل جگہ جگہ آویزاں تھے جن کے اندر سرخ ، سبز بتیاں جل بجھ رہی تھیں ۔ پروفیسر شمشاد نے بتایا اس مصنوعی سیارے کو اس طرح سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اسے اندر ہی سے کنٹرول کیا جا سکے۔ مگر فی الحال یہ کسی انسانی پائلٹ کی مدد کے بغیر خود کار طریقے سے پرواز کرے گا۔ اس لیے اس کے کنٹرول کا سسٹم ہمارے الگ کنٹرول روم میں ہے۔
اس کی کارکردگی کی عمر میرا مطلب ہے کارکردگی کا پیریڈ کتنے عرصے کا ہے؟ ارمغان نے سوال کیا۔ ایک سو سال تک.... بشرطیکہ کوئی آسمانی حادثہ واقع ہو یا کوئی اور قدرتی رکاوٹ اس کے درمیان حائل نہ ہو۔ پروفیسر نے جواب میں کہا۔ ویسے قدرتی سیارے اپنے مقررہ نظام شمسی کے اندر رہتے ہوئے ہی اپنا سفر کرتے رہتے ہیں ۔ وہ اپنا راستہ تبدیل نہیں کرتے۔
اسی لمحے ایک آواز آئی جو پروفیسر صاحب سے کہہ رہی تھی کہ آپ کو ڈائریکٹر صاحب نے فوراً اپنے دفتر میں بلایا ہے اور یہ پیغام سنتے ہی پروفیسر البیرونی سے باہر نکل گئے۔ ولید اور اس کے دوست بھی پیچھے پیچھے تھے۔ باہر آ کر پروفیسر نے ایک نیلا بٹن دبایا اور البیرونی کا کھڑکی نما دروازہ ایک ہلکی سی سرسراہٹ کے ساتھ بند ہو گیا۔ البیرونی کی سیڑھیوں سے نیچے اترتے ہوئے پروفیسر نے ولید سے کہا۔ ٹھیک ہے بیٹے۔ آپ نے البیرونی دیکھ لیا۔ اب اپنے دوستوں کو ساتھ لے کر گھر واپس چلے جائیں اور خود بڑے بڑے قدم اٹھاتے ڈائریکٹر کے آفس کی طرف بڑھ گئے۔
چلو ولید.... انکل تو چلے گئے ہیں ہم البیرونی کو اور اچھی طرح دیکھ لیں یہ تو قدرت نے ہمیں اچھا موقع دیا ہے۔ اس کا فائدہ اٹھانا چاہئے۔ ارمغان نے کہا ۔ نہیں قطعی نہیں !! یہ ابو کی ہدایت کے خلاف ہو گا۔ ولید نے گھبرائے ہوئے جواب دیا۔
کوئی نہیں .... بس ذرا سی دیر کی بات ہے۔ ہم زیادہ دیر اندر نہیں رکیں گے۔ بس جلد ہی دیکھ کر باہر آ جائیں گے.... سلیم اور احمد نے ایک ساتھ تائید کی اور ان کے رخ البیرونی کی طرف ہو گئے ۔ خواہش تو ولید کی بھی یہی تھی وہ بھی خاموشی سے ان کے ساتھ ہو لیا۔ وہ اندر داخل ہوئے تو انہوں نے دیکھا ۔ ایک بڑا سا بلب تیزی سے جل بجھ رہا تھا۔
احمد نے کہا.... ارے یہ کیا نئی بات .... پہلے تو یہ بلب جل بجھ نہیں رہا تھا۔ شاید کسی کا ہاتھ اس کے بٹن پر غلطی سے پڑ گیا ہے۔ میں ابھی اسے بند کر دیتا ہوں اور جیسے ہی اس نے بلب کے قریب لگا بٹن دبایا تو بجائے اس کے کہ بلب بجھتا ایک عجیب سی کھڑکھڑاہٹ کی آواز انہیں سنائے دینے لگی اور ساتھ ہی البیرونی کے ساتھ منسلک راکٹ سے دھواں خارج ہونے لگا اور دروازہ بھی خود بخود بند ہو گیا۔ چاروں دوست بری طرح گھبرا گئے۔ ولید نے نیلا بٹن دبا کر دروازہ کھولنا چاہا مگر ناکام رہا۔ اسی لمحے البیرونی میں حرکت پیدا ہوئی۔ کئی چھوٹے چھوٹے سرخ بلب ایک ساتھ روشن ہو گئے۔ پھر ایک زبردست دھماکہ ہوا اور البیرونی کے چاروں طرف آگ بھڑک اٹھی۔ ولید نے چیخ کر کہا۔ سیٹ پر پڑی بیلٹ جلدی سے باندھ لو۔ شاید البیرونی خلائی کی طرف پرواز کرنے والا ہے۔ تینوں نے اس کی ہدایت پر بیلٹیں باندھ لیں ۔ اسی لمحے شوں شوں کی سی آوازیں پیدا ہوئیں اور انہیں محسوس ہوا جیسے انہیں کسی نے ہوا میں اچھال دیا ہو۔ سب نے اپنی آنکھیں بند کر لیں ۔
کچھ دیر بعد جب ولید نے اپنی آنکھیں کھولیں تو اس کے اوسان خطا ہو چکے تھے۔ البیرونی اپنے مقررہ وقت سے ایک دن پہلے ہی اپنے سفر پر روانہ ہو گیا تھا۔ اس نے دل ہی دل میں سوچا۔ اب ہم چاروں کا کیا ہو گا....؟
تم نے ہی یہاں رکنے کا غلط مشورہ دیا تھا۔ ولید نے ارمغان سے کہا۔ وہ تو ٹھیک ہے مگر مجھ سے بڑی غلطی احمد کی ہے۔ جس نے جلتا بجھتا بلب بند کرنے کے لیے اس کے قریب لگا بٹن دبایا تھا۔ ارمغان نے اسی لہجے میں جواب دیا۔
ابو جی نے بتایا تھا کہ البیرونی کنٹرول روم سے کنٹرول کیا جاتا ہے اور یہ مکمل طور پر آٹومیٹک سسٹم پر کام کرتا ہے۔ اگلے سال وہ انسانی مسافر کو خلا میں لے جانے والا سیارہ بنائیں گے۔ میرا تو خیال ہے کہ مرکز کے سب ہی سائنسدان البیرونی کی اس اچانک پرواز پر حیران رہ گئے ہوں گے۔ پتہ نہیں ابو جی کا حال کیا ہو گا....؟ ولید نے کہا۔
اب البیرونی کے حرکت میں آتے وقت جو ایک تیز قسم کا شور ہوا تھا اب کم محسوس ہو رہا تھا اور کچھ دیر بعد وہ شور صرف ہلکی سی سرسراہٹ کی صورت میں رہ گیا۔
احمد نے کہا۔ شاید البیرونی کو اپنی مخصوص جگہ پہنچا دینے کے بعد اس سے منسلک راکٹ الگ ہو کر گر گئے ہیں ۔ اب مصنوعی سیارہ اپنی رفتار بڑھا رہا ہے۔
چاروں دوست بالکل خاموش بیٹھے تھے۔ وہ سیارے کی اسکرین پر نظریں جمائے ہوئے تھے۔ انہوں نے خود کو حالات اور اﷲ کے حوالے کر دیا تھا۔ اسی وقت انہیں ایک جھٹکا محسوس ہوا اور سامنے لگے قطب نما کی سوئی اپنی جگہ سے آگے بڑھ گئی۔
یہ کیا ہوا ولید....؟ احمد نے گھبرا کر سوال کیا۔
شاید البیرونی کشش ثقل کی زد سے نکل کر خلا میں داخل ہو گیا ہے۔ اب زمین اسے اپنی طرف نہیں کھینچ رہی ہے۔ اسی لیے یہ سوئی اپنی جگہ سے آگے بڑھ گئی ہے۔ ولید نے سوچتے ہوئے جواب دیا۔
کچھ دیر بعد سلیم نے کہا۔ ساتھیو.... مجھے تو اب بھوک تنگ کر رہی ہے۔ ہمارے کھانے کا کیا ہو گا؟ صبح میں نے صرف ہلکا سا ناشتہ کیا تھا۔ ناشتہ تو ہم میں سے شاید کسی نے بھی بھاری نہیں کیا تھا۔ البیرونی دیکھنے کی خواہش میں صرف چائے پی کر ہی میں آ گیا تھا۔ یہاں تو کھانے کے نام پر ہوا بھی نہیں ہے۔ احمد نے کہا۔
بھائیو.... گھبراؤ نہیں .... اﷲ پر بھروسہ رکھو۔ وہ راز ق ہے پتھر میں نظر نہ آنے والے ننھے ننھے کیڑوں کو بھی خوراک پہنچاتا ہے۔ ہم تو پھر اشرف المخلوقات ہیں ۔ ولید نے ان کو اطمینان دلاتے ہوئے کہا اور ادھر ادھر دیکھنے لگا۔ اچانک اس کی نظر سامنے پڑی جہاں کچھ خلا ئی سوٹ پڑے ہوئے تھے۔ اسے فوراً ہی خیال آیا کہ وہ خلا میں داخل ہو چکے ہیں ۔ کیوں نہ یہ خلائی سوٹ زیب تن کر لیں اور یہ خیال آتے ہی ولید اپنی جگہ سے اٹھا ۔ سوٹ اٹھائے تو اتفاق کی بات کہ وہ سوٹ گنتی میں چار تھے۔ اس نے ایک سوٹ میں بنی جیب میں ہاتھ ڈالے تو وہاں کچھ گولیاں سی محسوس ہوئیں ۔ باہر نکال کر دیکھا تو وہ وٹامنز کی گولیاں تھیں ۔ اس نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ وہ بھی اپنے اپنے سوٹ کی جیبوں میں دیکھیں انہیں بھی خلائی سوٹ کی جیبوں میں وٹامنز کی گولیاں رکھی مل گئیں ۔ دیکھا.... میں نے کہا تھا ناں .... کہ اﷲ رازق ہے۔ اس نے ہمارے لیے کھانے کا انتظام کر ہی دیا۔اس نے ایک گولی منہ میں ڈال لی اور ہلکے ہلکے چوسنے لگا۔ گولی ختم ہوئی تو اس کی بھوک بھی ختم ہو چکی تھی۔ یہی اس کے دوستوں نے کیا اور ان کی بھوک بھی مٹ گئی۔
اب ولید نے اپنی بیلٹ باندھ لی۔ وہ خود کو بہت ہلکا محسوس کر رہا تھا۔ یہی حال ارمغان، سلیم اور احمد کا تھا.... اسے خلا ئی سفر کے متعلق پڑھی ہوئی یہ بات یاد آئی کہ کشش ثقل سے نکل کر جب کوئی انسان خلا میں پہنچتا ہے تو وہ بے وزنی کی کیفیت سے دوچار ہو جاتا ہے۔
اچانک البیرونی کی اسکرین کے اوپر لگا ہوا بلب روشن ہو گیا اور قطب نما کی سوئی حرکت کرتے ہوئے آہستہ آہستہ ایک نقطے کی طرف بڑھنے لگی۔ ولید نے کہا شاید البیرونی کو کنٹرول روم سے کنٹرول کیا جا رہا ہے۔ ابھی اس نے اپنی بات پوری ہی کی تھی کہ سامنے رکھے مائیکروفون نما آلے سے بیپ کی سی آواز آنے لگی۔ ولید نے سوچا شاید زمینی کنٹرول روم سے ہمارے لئے کوئی پیغام ہو۔ اس نے ہیڈ فون اٹھا کر اپنے سر پر فٹ کر لیا۔ ایک ہلکی سی گھرگھراہٹ کے بعد اس نے ہیلو ہیلو کی آواز سنی پھر آواز صاف ہو گئی ۔ میں پروفیسر شمشاد بات کر رہا ہوں ۔ اپنے ابو کی آواز سنتے ہی ولید بے ساختہ چیخ اٹھا ۔ ابو جی.... میں ولید بات کر رہا ہوں ۔ ہم آپ کا کہنا نہ مان کر غلطی سے اس مشکل میں پھنس گئے ہیں ۔
اﷲ پر بھروسہ رکھو، گھبراؤ نہیں بیٹے.... اور ہمت سے کام لو....جو ہونا تھا وہ اب ہو چکا۔ ہم یہاں اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں کہ البیرونی کسی حادثے سے دوچار نہ ہو۔ مگر ممکن ہے البیرونی نظام شمسی کے کسی دوسرے سیارے سے ٹکرا کر تباہ ہو جائے۔ ہم کنٹرول روم سے البیرونی کو کنٹرول کرنے میں کامیاب نہیں ہو پا رہے ہیں .... تم قطب نما کی سوئی کو 90ڈگری کے نشان تک لانے کی کوشش کرو.... اگر تم اپنی کوشش میں کامیاب ہو گئے تو یہ خطرہ ٹل جائے گا۔ ہم اپنے طور پر امریکی ، روسی سائنسدانوں سے بھی مدد حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور پھر زمینی کنٹرول روم کا رابطہ ٹوٹ گیا۔ ولید کے ابو کی آواز آنی بند ہو گئی۔ ولید نے کچھ دیر انتظار کیا پھر ہیڈ فون سر پر سے اتار کر نیچے رکھ دیا اور فکر مند لہجے میں بولا.... دوستو! ہمارا زمین سے رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔ اب خلا میں ہمیں صرف اور صرف اﷲ تعالیٰ کی مدد کا ہی سہارا ہے۔
اب کیا ہو گا؟ کہتے ہوئے احمد کی آواز میں خوف نمایاں تھا اور اس کی آنکھیں نم ہو گئیں تھیں ۔
یہ سب تمہاری وجہ سے ہوا.... ولید نے احمد سے کہا اگر تم بٹن نہ دباتے تو یہ سب کچھ نہ ہوا ہوتا.... پھر وہ قطب نما کی سوئی کو 90ڈگری کے مقام تک لانے کی کوشش کرنے لگا۔ اس کی نظریں اسکرین پر جمی ہوئی تھیں ۔اس نے دیکھا ایک بہت ہی بڑا چمکدار گولا تیزی سے البیرونی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ وہ چیخا نظام شمسی کا کوئی سیارہ البیرونی سے ٹکرانے والا ہے۔ بچاؤ.... بچاؤ....!! وہ حلق کے پورے زور سے چیخا۔
اسی چیخ و پکار میں اس کا ہاتھ کسی بٹن پر لگ گیا۔ جس سے قطب نما 90ڈگری پر آنے لگا تھا۔ ولید اور اس کے دوستوں نے خوشی سے ہُرررے .... کا نعرہ لگایا۔
اب سامنے لگے اسپیکر سے دوبارہ آواز آنے لگی تھی۔ ولید بیٹا بہت زبردست!! تم لوگ ہمت نہ ہارنا اب خلائی سیارہ ہمارے قابو میں آ رہا ہے۔ پروفیسر شمشاد نے اپنے بیٹے کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا۔
وہ دیکھو!! نیلا نیلا کوئی گولا نظر آ رہا ہے شاید ہماری زمین ہے ارمغان نے گویا اچھلتے ہوئے کہا۔
ہاں ہاں تم صحیح کہہ رہے ہو۔ باقی دوستوں نے ارمغان کی تائید کی۔
رفتہ رفتہ وہ گولا بڑا ہوتا جا رہا تھا کہ ایک دفعہ پھر اسپیکر سے آواز آئی۔
بچو تم لوگ زمین کے بہت قریب پہنچ چکے ہو لیکن فنی خرابیوں کے سبب ہم تمہیں پاکستان میں نہیں اتار سکیں گے۔ یہ خلائی جہاز ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں اترے گا جہاں سے تمہیں پاکستان پہنچا دیا جائے گا۔ کنٹرول ٹاور سے آنے والی یہ آواز کچھ اجنبی سی محسوس ہو رہی تھی۔
آپ ہیں کون؟ اور میرے ابو کہاں ہیں ؟ ولید نے خوشی کے بعد گھبراتے ہوئے سوال کیا۔
میں البیرونی کی کمانڈنگ کمیٹی کا انچارج پروفیسر رانا سہیل بات کر رہا ہوں تمہارے ابو خیریت سے ہیں لیکن تم سے فی الحال بات نہیں کرسکتے۔
ولید اور اس کے دوستوں کے دل میں عجیب عجیب وسوسے جنم لے رہے تھے لیکن اس کے ساتھ ساتھ انہیں اپنے سیارے پر پہنچنے کی خوشی بھی تھی۔
ایک جھٹکے کے ساتھ انہیں ایک بار پھر بھاری پن محسوس ہونے لگا تھا۔ شاید وہ واپس زمین پر پہنچ چکے تھے۔
٭....٭
واہ! کتنا خوبصورت علاقہ ہے چلو اس بہانے ملائیشیا بھی دیکھ لیا۔ سلیم نے ولید سے کہا۔
کہتے تو تم ٹھیک ہو لیکن مجھے لگتا ہے میرے ابو کو شاید ملازمت سے نکال کر گرفتار کر لیا گیا ہے اور وطن واپس پہنچ کر شاید ہمیں بھی ....ولید نے افسردہ لہجے میں کہا۔
ملائیشیا کے خلائی ہیڈ کوارٹر پر البیرونی کے لینڈ کرتے ہی اسے چاروں طرف سے کمانڈوز نے گھیر لیا اور زبردست سیکیورٹی میں ان چاروں کو ایئرپورٹ پہنچا دیا گیا۔ پھر ایک اور طیارے کے ذریعے انہیں پاکستان روانہ کر دیا گیا۔
لیکن اس دوران وہ ایک فیصلہ کر چکے تھے کہ البیرونی کی اس اچانک اڑان سے وطن عزیز کو پہنچنے والے نقصان کا ضرور ازالہ کریں گے۔
دوسری طرف پاکستان میں ان کے استقبال کی تیاریاں عروج پر تھیں ۔ آخر وہ خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے کمسن ترین خلائی مسافر کا ریکارڈ جو قائم کر چکے تھے۔
٭٭٭
بغاوت یا ۔۔۔۔۔۔۔!!
محمد الیاس ضیاء
ہندوستان کا زوال اسی وقت شروع ہو گیا تھا جب عظیم مغل شہنشاہ اورنگزیب عالمگیر کا انتقال ہوا۔ اورنگزیب کی وفات کے بعد اس کے دونوں بیٹے اعظم اور معظم کے درمیان سلطنت کے حصول کے لیے جنگ شروع ہو گئی۔ اعظم مارا گیا اور معظم تخت نشین ہوا۔ تخت پر بیٹھے صرف پانچ سال گزرے تھے کہ معظم کا ذہنی توازن خراب ہو گیا اور وہ پاگل سا ہو گیا۔ اس کے بعد ہندوستان مستقل خانہ جنگی کا شکار ہو گیا۔ راجوں ، مہاراجوں اور نوابوں کے درمیان اختلافات طویل ہوتے گئے اور حصول اقتدار کی کشمکش روز بروز بڑھتی گئی۔ ہندوستان کا دارالخلافہ دہلی کمزور پڑ چکا تھا۔ مہاراشٹر کے جاہل اور سخت جان دیہاتی کسان مرہٹے جب چاہتے دہلی آ کر شہر کو لوٹ لیتے اور قتل و غارت گری کرتے۔ ان حالات میں جبکہ ہندوستان کے لوگ آپس میں دست و گریباں تھے ۔ کس کو ہوش تھا کہ وہ دیکھے کہ انگریز ہندوستان میں کیا گل کھلا رہے ہیں ۔ انگریز جو کہ تجارت کے لئے پہلے سے موجود تھے حالات کا فائدہ اٹھا کر سیاست میں کود پڑے۔ اپنا اثر و رسوخ بڑھانا شروع کیا۔ راجوں ، مہاراجوں اور نوابوں کی خوشامد کر کے اور کبھی ان کو امداد دے کر ایک دوسرے کے ساتھ لڑانا شروع کر دیا۔ کبھی وزیروں کو خرید کر ان سے بغاوت کرا دی۔ ہوتے ہوتے بالآخر انگریز نے ہندوستان کے حکمرانوں کو سازشیں کر کے اور آپس میں لڑا لڑا کر کافی کمزور کر دیا اور ساتھ ہی یہ اندازہ بھی لگا لیا کہ ہندوستان کی فوجوں کے پاس اسلحہ زیادہ جدید نہیں ہے اور نہ ہی ان میں اب نظم و ضبط رہا ہے۔ سپاہی بہادر ہیں مگر راہنما کمزور ہیں ۔ ہندوستانیوں نے آپس کے اختلافات اتنے بڑھائے ہیں کہ اب متحد نہیں ہو سکتے۔ ان کو سازشوں کے ذریعے کمزور کیا جا سکتا ہے۔ یہ صرف اپنے بارے میں سوچتے ہیں انہیں ملک اور قوم کا خیال نہیں رہا۔ یہ اندازہ لگانے کے بعد انگریز کھل کر سامنے آ گیا اور کھلے بندوں لڑائیاں شروع کر دیں اور پے در پے شکستیں کھائیں ۔ ادھر دہلی کی کمزوری کا فائدہ اٹھا کر مرہٹے جب چاہتے منہ اٹھا کر دہلی کو لوٹنے آ جاتے ۔ اس کے علاوہ قتل و غارت گری الگ مچاتے۔ افغانستان کا حکمران احمد شاہ ابدالی ان حالات پر نظر رکھے ہوئے تھا۔ اسے بڑا طیش آیا کچھ مسلمانوں نے بھی خط لکھ کر اس سے مدد مانگی تو وہ قہر خداوندی بن کر مرہٹوں پر آ نازل ہوا۔ پانی پت کے میدان میں اس نے مرہٹوں کو ایسا سبق سکھایا کہ رہتی دنیا تک یاد رکھیں گے۔ مسلمانوں کی خواہش تھی کہ دہلی کا تخت احمد شاہ ابدالی سنبھال لے اور ایک مرتبہ پھر ایک مضبوط اور متحدہ ریاست قائم ہو جائے مگر بدقسمتی سے ایسا نہ ہو سکا۔ اس کے وزیروں نے اس سے کہا کہ یہاں کی آب و ہوا ٹھیک نہیں ہے۔ حالانکہ مغلوں کا سب سے پہلا بادشاہ جس نے ہندوستان میں مغل بادشاہت کی بنیاد رکھی۔ ظہیر الدین محمد بابر بھی افغانستان سے ہی آیا تھا۔ دوسری طرف انگریز نے جب بار بار شکستوں کا منہ دیکھا تو اس کو اندازہ ہو گیا کہ ہم صرف میدان میں جنگ نہیں جیت سکتے۔ اس لیے اس نے چالبازی اور سازش کا ہتھیار استعمال کیا اور بڑی جدوجہد کے بعد ہندوستان پر قبضہ کر لیا ۔ انگریز کا اقتدار برصغیر کے عوام کے لیے بڑا ہی منحوس ثابت ہوا اور عوام کو بڑی مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انگریز کی کوشش یہ تھی کہ وہ کسی نہ کسی طرح زیادہ سے زیادہ دولت لوٹ کر برطانیہ لے جائیں ۔ اس کو یہاں کے عوام سے کوئی غرض نہیں تھی۔ اس نے یہاں کے جاگیرداروں سے جاگیریں چھین لیں اور ان کو بھیک مانگنے کے لئے چھوڑ دیا۔ جاگیردار بے چارے کیا کرتے ۔ غربت میں اور تھوڑی تھوڑی آمدنیوں میں مشکل سے گزارا کرنے لگے۔ ہندوستان کے کاریگر جو چیزیں تیار کرتے تھے وہ پوری دنیا میں پسند کی جاتی تھیں ۔ قنوج کا عطر، امروہہ کی ریشمی ٹوپیاں اور مراد آباد کے برتن اپنی مثال آپ تھے۔ یہاں کھلونے ، رومال، تلواریں ، تیر کمان اور بڑھئی کا کام بھی بڑا نفیس ہوتا ہے۔ جبکہ لکھنؤ کا چکن کا کپڑا، بنگال کا سوتی کپڑا اور بنارس کا ریشمی کپڑا تو برطانیہ کی خواتین بڑے فخرسے خریدتی تھیں ۔ مگر انگریزوں نے مقامی کارخانوں کو بند کر کے اپنے کارخانے کھول لیے ۔ تجارت مسلمانوں کا آبائی پیشہ تھا اور وہ صدیوں سے تجارت کرتے آئے تھے۔ جو سامان مقامی کارخانوں میں تیار ہوتا تھا۔ مسلمان بحری جہازوں کے ذریعے دوسرے ملکوں میں اس کی تجارت کرتے تھے۔ مگر انگریزوں نے بندرگاہوں پر قبضہ کر کے تجارت پر بھی زبردستی قبضہ کر لیا۔ مقامی لوگوں کا سامان باہر نہ جانے دیتے اور خود سستے داموں خرید لیتے چاہے کسی کو فائدہ ہوتا یا نقصان اور آگے اچھی قیمت پر بیچ دیتے۔ کسانوں اور زمینداروں پر بے تحاشا ٹیکس لگا دیئے، جو ٹیکس کم دیتا اس سے زمینیں چھین کر دوسرے کو دے دیتے۔ کسان سارا سال محنت کرتے اور فصل انگریز لے جاتے۔ ان سب باتوں کے علاوہ مقامی لوگ انگریز کے فریب اور وعدہ خلافیوں سے تنگ آ چکے تھے۔ یہاں کے لوگوں اور انگریز کے درمیان جو بھی معاہدے ہوتے جب تک انگریز کو اپنا فائدہ نظر آتا وہ اس پر قائم رہتے ورنہ فوراً معاہدہ توڑ دیتا۔ ان سب مظالم کے بعد انگریز نے کھلے عام عیسائیت کی تبلیغ بھی شروع کر دی۔ وہ بڑی ڈھٹائی کے ساتھ ہندوؤں اور مسلمانوں کو عیسائیت کی دعوت دینے لگے کہ جس پر وہ خود بھی عمل نہیں کرتے تھے۔ اس سے نفرت میں مزید اضافہ ہوا اور لوگوں میں باتیں ہونے لگیں کہ انگریز ہم سے سب کچھ لوٹ کر اب ہمیں دین اور مذہب سے بھی ہٹانا چاہتا ہے۔ ہندوستان کے لوگ چونکہ بہادر اور حوصلہ مند تھے اس لیے انگریز نے ایک بڑی تعداد ہندو اور مسلمانوں کی فوج میں لی ہوئی تھی مگر جب بھی وہ کوئی مطالبہ کرتے اور اپنے حقوق مانگتے، توپوں کے منہ پر باندھ کر اڑا دیئے جاتے۔ یہ اس قوم کے مظالم ہیں کہ جو یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارا جیسا کوئی مہذب دنیا میں پیدا ہی نہیں ہوا۔ لوگ ان مظالم سے تنگ آ چکے تھے۔ علما اور دینی رہنما پہلے ہی خفیہ اور کبھی کھلے عام جہاد کی تبلیغ کرتے آ رہے تھے۔ آخر کار 10مئی 1857ءکو میرٹھ کے مسلمان اور ہندو سپاہیوں نے بغاوت کر دی۔ انگریز افسروں کو قتل کر دیا اور اسلحہ سمیت دہلی پہنچ گئے۔ دہلی پہنچ کر انہوں نے ملک کے مختلف حصوں کی فوجی چھاؤنیوں میں اعلانات اور پیغامات بھیجے ۔ ہندوستانی سپاہی پہلے ہی افسروں کی زیادتیوں کا شکار تھے۔ اعلانات سنتے ہی بغاوتوں کا سلسلہ شروع ہو گیا اور سپاہی خزانے ، اسلحے اور توپوں سمیت دہلی پہنچنے لگے۔ ان میں ہندو بھی تھے اور مسلمان بھی۔ پہلی بغاوت 10مئی کو میرٹھ میں ہوئی اس کے بعد 19مئی کو الہ آباد، 20مئی کو علی گڑھ ، 22مئی کو پشاور، 31مئی کو گوالیار ، 4جون کو حصار ، 5جون کو کانپور ، 7جون کو آگرہ اور لکھنو، 21جون کو جالندھر ۔ شروع جولائی میں جہلم ، 8جولائی کو بنارس اور 21جولائی کو سہارنپور میں لگاتار بغاوتیں ہوئیں ۔ اس کے علاوہ انبالہ ، لاہور، چیچہ وطنی، سیالکوٹ ، کلکتہ اور نوشہرہ میں بھی بغاوتیں ہوئیں اور یہ سلسلہ اگست کے آخر تک جاری رہا۔ دہلی میں بہت سی باغی فوج جمع ہو چکی تھی۔ انگریزوں نے پنجاب کے لوگوں اور سکھوں کو بھرتی کر لیا اور ستمبر میں دہلی پر حملہ آور ہوئے۔ کئی دن تک گھمسان کی جنگ ہوئی ۔ بالآخر انگریز کی چالبازیوں ، سکھوں کی غداریوں اور سازو سامان کی کمی کی وجہ سے دہلی پر انگریزوں کا قبضہ ہو گیا۔ اسی طرح اودھ، کانپور، جھانسی، بنارس، الہ آباد، روہیل کھنڈ اور بہار میں بھی خوں ریز لڑائیاں ہوئیں جن میں مردوں کے علاوہ عورتوں نے بھی بہادری دکھائی۔ خاص کر حضرت محل اور رانی لکشمی بائی کا نام تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔ چونکہ ہندوستانیوں کے پاس باقاعدہ فوج نہیں تھی اس لیے قیادت اور نظم و ضبط کی کمی کی وجہ سے ہندوستانی یہ جنگ ہار گئے ۔ اس کے بعد بھی انگریزوں نے جب تک حکومت کی، ظلم و زیادتی کے خلاف آواز بلند ہوتی رہی۔
ہماری درسی کتابوں میں ان تمام واقعات کو بغاوت سے موسوم کیا گیا ہے۔ یہ بغاوت ضرور تھی لیکن ساتھ یہ بھی ذہن میں رہے کہ درحقیقت ہماری جنگ آزادی کا نقطہ آغاز تھا اور ظلم کے نظام کے خلاف بغاوت کی اصل آزادی ہے۔
٭٭٭
دادا جان ، تسبیح اور چمگادڑ
شاہا نعمان انصاری
’’ناسمجھ، نامعقول اور نہایت ہی فضول انسان کہتے ہیں اس گھر میں ’‘ دادا جان بڑے کمرے میں ایک کونے سے دوسرے کونے تک اپنی لاٹھی ٹیکتے چکر لگا رہے تھے۔ جب ہمارے چھوٹے بھائی جان نے انٹری دی اور آتے ہی اعلان کیا ، بم پھوڑا۔
‘’دادا جان قاضی انکل کہہ رہے ہیں تمہارے دادا جان نے کبھی اپنا بدلہ تو چھوڑا نہیں تو تسبیح کیسے چھوڑ گئے؟’‘
‘’اور تم خاموشی سے سنتے رہے ہمارے بارے میں غلط خیالات؟’‘ دادا جان کے غصے کا رخ جب اجو میاں نے اپنی جانب مڑتے دیکھا تو بالائی کھاتے بڑے پھپھو کے فرزند خالد کی جانب اشارہ کیا۔
‘’ نہیں دادا جان نے فوراً ہی ان سے معذرت کر لی تھی سننے سے ‘‘خالد نے حیرانی سے دادا جان اور ابو کی جانب دیکھا اور کندھے اچکا کر نہایت بے نیازی سے دوبارہ بالائی کھانے لگا۔
‘’ دیکھا یہ ہے بس میرا شہزادہ اور تم نہایت ہی لا پرواہ ہونا لائق۔’‘ دادا جان نے آگے بڑھ کر خالد کی پشت تھپکی جو اجو میاں کو قطعی بھائی نہیں تبھی جاتے جاتے وہ ننھی سی پھلجڑی چھوڑ گئے۔
‘’ پورا تو سن لیں دادا جان اس نے کہا تھا یہ سب تو ہمیں معلوم ہے کچھ نئی معلومات سے نوازیں ۔’‘
اور بڑے کمرے سے صحن تک اجو میاں وہ تمام اعزازی کلمات سنتے آئے جو دادا جان خالد کو نواز رہے تھے اور خالد بیچارہ یہ بھی نہ کہہ سکا کہ اس نے قاضی انکل سے تسبیح کے متعلق تفصیلات کے درمیان کہا تھا جب قاضی انکل اس سنگ مرمر جیسے ننھے ننھے موتیوں سے بنی تسبیح کی تعریف میں K-2کی چوٹی پر چڑھتے جا رہے تھے جو دادا جان کے بچپن کے دوست احمد ہمدانی صاحب نے مالدیپ سے واپسی پر تحفتاً دی تھی ۔ مالدیپ ویسے بھی نایاب و قیمتی موتیوں پتھروں کی بنا پر مشہور ہے اور چونکہ وہ جزیرہ نما ملک ہے تو ارد گرد سمندر کی تہوں سے ایسے ایسے قدرت کے تحفے نکالے جاتے ہیں کہ انسانی عقل دنگ رہ جائے۔ انہی خوبصورت موتیوں سے بنی تسبیح جو آج کل ہمہ وقت دادا جان کے ہاتھوں میں رہتی تھی اچانک غائب ہو گئی تھی ذرا سا ذہن پر زور ڈالا تو یاد آیا پچھلی شام قاضی انکل کے گھر گذری تھی چنانچہ اجو میاں کو دوڑا دیا گیا اور پھر اجو میاں دوڑتے دوڑتے اور دادا جان دماغ کو دوڑاتے دوڑاتے نڈھال ہو گئے اور پھر زیر تفتیش گھر کے افراد آ گئے جن پر ذرا سا بھی نمازی ہونے کا گمان ہوتا وہ پوچھ تاچھ کے لئے کمرے میں بلا لیا جاتا اور جب سب حسب مراتب گھوری ، ڈانٹ اور دھمکی کے مراحل معصومیت کے ساتھ طے کر گئے تو سب گھر والوں کی نظریں دادی جان پر جا ٹھہریں جو نہایت ہی بے نیازی سے اپنی نماز کی چوکی پر بیٹھیں نماز ادا کر رہی تھیں اور جب ان کو سب کی ٹکٹکی کی وجہ معلوم ہوئی تو پھر کمرہ تفتیش میں دادا جان کی تفتیش شروع ہو گئی۔
دادی جان: ‘’ میں پوچھتی ہوں آخر میں کیوں شک کی زد پر آئی؟’‘
دادا جان: ‘’ارے بھئی ایسے ہی ہم پوچھنا چاہ رہے....’‘
دادی جان:’’ پوچھنے کا مطلب؟ میں کوئی چور ہوں ؟’‘
دادا جان: ‘’ بھئی وہ آپ اکثر درود پڑھتی رہتی ہیں نا؟’‘
دادی جان: ‘’ حد کر دی آپ نے میں کیا تسبیح چرا کر درود پڑھتی ہوں ؟ ویسے بھی چوری کی تسبیح پر درود پڑھنے کا پورا ثواب بھی نہیں ملے گا۔’‘
دادا جان: ‘’ بس ہمیں اب آپ کی بے گناہی کا یقین ہو گیا ہے۔’‘
دادی جان: ‘’ کیا ؟ گویا ابھی تک میں ملزم تھی؟ اور اب میں با عزت بری ہوئی ہوں ؟ لیکن اگر میں آپ پر الزام لگا دوں کہ تسبیح آپ نے خود غائب کی ہے تو؟’‘
‘’لاحول ولا’‘ دادا جان نے بے ساختہ کہا اور بڑے کمرے سے صحن کی جانب چل دیئے اور پیچھے دادی جان انتہائی افسوس کے عالم میں خود کو ملزم ٹھہرائے جانے پر زیر لب بڑبڑا رہی تھیں ۔
٭....٭
‘’ویسے یار مجھے حیرانی بہت ہے تسبیح جا کہاں سکتی ہے؟ خالد جو مزے سے پاپ کان کھا رہا تھا۔ کچھ سوچتے ہوئے بولا۔
‘’ بھوت لے گئے اسے؟’‘
‘’ خدا کے لئے اب اس بھوت کا مت بتا دینا دادا جان کو ورنہ اس آدھی رات میں بھی اس کے گھر بھجوا دیں گے پوچھنے کے لئے پہلے سارا دن دوڑیں لگاتے جوتے گھس گئے ہیں ۔ نیند بھی اڑ چکی ہے مارے تھکن کے۔’‘ اجو میاں جو آدھے صوفے اور آدھے زمین پر تشریف فرما تھے جھلا کر بولے۔
‘’ اے .... اجو سن....؟’‘ خالد نے پاپ کارن کھانے چھوڑ کر کسی نادیدہ شے کو دیکھنے کی کوشش کی۔
‘’ کیوں ؟’‘
‘’ارے یہ شوں کی کیسی آواز ہے؟’‘
‘’تم یہ پھولے پھولے پاپ کارن کھا رہے ہو تو تم میں ہوا بھر رہی ہو گی۔’‘ اجو میاں نے بے نیازی سے آنکھیں موندے جواب دیا۔
‘’ٹھک کی آواز کے ساتھ جب کوئی شے ڈرائنگ روم کے بند دروازے سے ٹکرائی تو جہاں پاپ کارن خالد کی گود سے گرے وہیں اجو میاں بھی بقیہ آدھے زمین پر گر پڑے۔
‘’ کو .... کو.... کون؟’‘ اجو میاں کی مارے گھبراہٹ کے اتنی باریک آواز نکلی کہ خالد اسے گھورنے لگا اور چند قدم بڑھ کر دروازہ کھول دیا تبھی کوئی کالی سی چیز اڑتی ہوئی اس کے چہرے سے ٹکرائی اور خالد نے نعرہ مدد مارا۔ اجو میاں کو جب کچھ نہ سوجھا تو چلانے لگے ۔
‘’ آگ آگ.... مدد مدد۔’‘
آن کی آن میں پورا گھر جمع ہو گیا ۔ خالد زمین پر اور اجو میاں صوفے پر اچھل اچھل کر شور مچا رہے تھے۔
‘’خاموش ‘‘ دادا جان کی آواز نے ان دونوں کو تو خاموش کروا دیا مگر خالد کا زمین پر لیٹے لیٹے اپنے منہ سے ہاتھ پھیرنے اور اجو میاں کا صوفے پر چھلانگیں مارنا بند نہ کروا سکی۔
‘’اب تم کیا جو کروں کی طرح اچھل کود کر رہے ہو؟’‘ امی جی نے کچھ خفگی سے ڈپٹا۔
‘’وہ چمگاڈر آئی تھی خالد کا خون پینے۔’‘ اجو میاں جو پی ٹی کر کر کے ہلکان ہو چکے تھے۔ سنبھل کر بولے اور پھپھو ہائے میرا بچہ کہہ کر خالد کے چہرے اور گردن کو بغور دیکھنے لگیں جب یقین ہو گیا کہ وہ ٹھیک ہے تو بولیں ۔
‘’ نجانے کیسے بچہ بچ گیا ورنہ تو آدم خور چمگادڑیں چھوٹی نہیں کل ہی صدقہ دوں گی۔’‘
‘’ کیا فائدہ امی اس چمگادڑ کو پتہ چل گیا ہے یہ خون کڑوا ہے وہ سب کو منع کر دے گی پینے سے۔’‘ خالد کے چھوٹے بھائی ریحان نے کہا اور زبردست سی گھوری بھی سہی۔
‘’ اور یہ تم نے پھر گندگی مچا رکھی ہے؟ ہم نے جب ڈرائنگ روم کے قالین پر بکھرے پاپ کارن دیکھے تو کہے بنا نہ رہ سکے تھے اور پھپھو تو خالد کو اٹھا کر ساتھ لے گئیں ۔رہ گئے اجو میاں جن کے تیور ہر گز فرمانبرداری کے دکھائی نہیں دے رہے تھے چنانچہ دادا جان سے خصوصی ہدایت جاری کروائی اجو میاں نے نہایت بیچاری بلکہ ‘’بے چارا’‘ سی شکل بنائی اور صوفے کے نیچے سے پیالہ جو نکالنا چاہا تو چیخ مار کر بندر کی سی پھرتی سے اٹھے اور کسی بھوکے چمپیزی کی خوشی کے تاثرات کی نقل اتارتے ہوئے دادا جان کی جانب لپکے ۔ دادا جان نے جو ان کو اپنی جانب لپکتے دیکھا تو بوکھلا کر اجو میاں کے قریب آتے ہی اپنی جگہ سے سرک گئے ۔ نتیجتاً اجو میاں دروازے کے شیشے سے ٹکرائے اور پکے ناریل کی مانند زمین پر ٹپک گئے اور ساتھ ہی ان کی بند مٹھی سے دادا جان کی تسبیح برآمد ہوئی ۔ قصہ مختصر دادا جان کو تسبیح اور دادی جان کو دوبارہ سے شکوہ مل گیا۔ سب کچھ ٹھیک تھا بس کسی کو یہ نہ سمجھ میں آسکا تھا کہ چمگادڑ کب آئی اور کیسے چل گئی اور ہم یہ جانتے ہوئے بھی ان کو نہیں بتائیں گے کہ وہ تو کالا موزہ تھا جس میں ہم نے پانی بھرا غبارہ گھسا رکھا تھا جسے بعد میں ہم نے ہی ہوشیاری سے غائب کیا تھا۔ خود سوچئے وہ خود تو اکیلے پاپ کارن کھائیں اور ہم کچن صاف کریں ؟ لیکن خیر ہے شرارت کرتے کرتے اگر تسبیح مل گئی تو کیا برا ہے؟ ہاں بس ایک چھوٹی سی الجھن ہمیں تنگ کرتی ہے کہ اجو میاں کو یہ کیوں لگا کہ وہ چمگاڈر ہے؟ جبکہ انہوں نے تو کبھی چمگادڑ دیکھی ہی نہیں ہے۔ ویسے کیا آپ نے دیکھی ہے؟
٭٭٭
ہمت شکستہ
بنت مسعود
چٹ، چٹ، انڈا چٹخا اور ننھا منا بچہ باہر نکل آیا۔
دوسر ا انڈا چٹخا مگر جب تیسرے انڈے کے بجائے چوتھا انڈا چٹخا تو بی چڑیا کو تشویش ہوئی.... کیا بات ہے، باری تو اس انڈے کی تھی۔’‘ انہوں نے میاں چڑے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
‘’چلو چل کر دیکھتے ہیں ۔’‘ میاں چڑے بھی گھبرائے۔
دونوں انڈے کے پاس پہنچے۔
‘’کھٹ کھٹ۔’‘دھیرے دھیرے انڈے پر چونچیں ماری گئیں اور جب انڈا ٹوٹا ، چھلکا ہٹا تو دیکھا کہ ننھے میاں آرام سے آنکھیں موندے پڑے ہیں ۔
‘’بے چارہ کمزور ہے۔’‘بی چڑیا کی ممتا امنڈ آئی۔
‘’ہاں شاید۔’‘ چڑے میاں کو شاید بی چڑیا کی رائے سے کلی طور پر اتفاق نہ تھا۔ کیونکہ بظاہر ننھے میاں نارمل نظر آ رہے تھے۔
ننھے میاں نارمل ہی تھے بس یہ تھا کہ انہیں زیادہ ہاتھ پاؤں ہلانا پسند نہ تھا۔
‘’ زندگی آرام آرام سے گزرنی چاہیے۔ ہر کام اپنے وقت پر خود ہی ہو جاتا ہے۔’‘ یہ ان کا مقولہ تھا اور وہ اپنے اس مقولے پر بڑی دلجمعی سے کاربند تھے۔
لہٰذا جب بی چڑیا دانہ دنکا چن کر آئیں اور سب بچے شور مچاتے ان کے گرد جمع ہو جاتے تو ننھے میاں آرام سے ایک طرف بیٹھے رہتے کیونکہ ان کا حصہ ان کو ضرور ملے گا بلکہ حصے سے کچھ زیادہ ہی کیونکہ بی چڑیا کے خیال میں وہ کمزور تھے اور ان کو بہتر غذا کی دوسروں سے زیادہ ضرورت تھی۔
اب بھلا ننھے میاں کو کیا پڑی تھی کہ اتنی مراعات کے ہوتے ہوئے وہ کچھ محنت کرتے وہ تو بس کونے میں اٹکے بڑے سے پتے کے پیچھے دبکے بیٹھے رہتے کبھی کبھی سر نکال کر باقی بھائیوں پر نظر ڈال لیتے جن کو نچلا بیٹھنا نہیں آتا تھا کبھی ایک دوسرے سے الجھتے تو کبھی گھونسلے سے باہر جھانکنے کی کوشش کرتے۔
کچھ دن اور گزر گئے ۔ بچوں کو منے منے پر نکل آئے ۔ اب وہ گھونسلے کی منڈیر پر چڑھ جاتے اور گھونسلے میں چھلانگیں لگاتے۔ ننھے میاں کے آرام میں خلل پڑتا وہ جھنجلا جاتے۔ کیا مصیبت ہے؟’‘ وہ پتے کے پیچھے سے سر نکال کر ڈانٹتے۔’‘ ہر وقت شور مچاتے ہو۔ کبھی تو آرام سے بیٹھ جایا کرو تم لوگ۔’‘
تم بھی آ جا ؤ ۔ بڑا مزہ آ رہا ہے۔’‘ بڑے بھائی دعوت دیتے۔
ہاں ، ہاں آ جائیں آپ تو ہر وقت بیٹھے ہی رہتے ہیں ۔ بور نہیں ہوتے۔ منے میاں بھی بولتے۔ تم تو چپ ہی رہو۔’‘ میں تمہاری طرح وحشی نہیں ہوں کہ ہر وقت اچھل کود کرتا رہوں ۔’‘ بڑے بھائیوں پر بس نہیں چلتا تو وہ ننھے میاں پر برس پڑتے۔
اصولاً تو وہ منے میاں سے چھوٹے تھے کیونکہ انڈے سے منے میاں کے بعد برآمد ہوئے تھے مگر انہوں نے اس بات کو ماننے سے انکار کر دیا تھا۔
اس سے کیا ہوتا ہے ۔ باری تو میری تھی باہر نکلنے کی پتہ نہیں تم کو کیا جلدی پڑی تھی مگر اب اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ تم میرے بڑے بن کر بیٹھ جا ؤ۔’‘ انہوں نے منے میاں کی اچھی خبر لی تھی۔
پہلے تو منے میاں نے احتجاج کرنا چاہا مگر جب بی چڑیا نے بھی منے میاں کی حمایت کی تو منے میاں نے اپنے آپ کو چھوٹا مان لینے میں ہی عافیت جانی۔
ارے ان کا کیا ہے۔ پھبن جھپٹ کر پیٹ بھر ہی لیتے ہیں ۔ وہ چیں چیں کرتے بچوں کو ادھر ہٹاتی ننھے میاں کے پاس آ جاتی۔
اور دیکھو۔ تمیز سے بات کیا کرو۔ ننھے میاں نے گھر کی دی اور اب ننھے میاں بڑے ادب سے ان سے آپ جناب کر کے بات کرتے تھے۔
ننھے میاں اپنے آپ کو بڑا منوا کر کچھ زیادہ ہی اکڑ گئے تھے اب وہ اپنے چھوٹے موٹے کام بھی منے میاں سے کروا لیتے۔
‘’ پتہ ٹھیک سے کھڑا کر دو میری جگہ صاف کر دو۔ ذرا دیکھو امی کہیں درخت پر نظر آ رہی ہیں کہ نہیں ۔’‘ اور منے میاں بڑی سعادت مندی سے ان کے کام کر دیتے۔
چند دن اور گزرے۔ ننھے منے پر بڑے ہو گئے جسم بالوں سے ڈھک گیا ۔ بچے اب گھونسلے کے پاس چھوٹی چھوٹی شاخوں پر نکل جاتے ایک شاخ سے دوسری شاخ پر پھدکتے پھرتے۔ ننھے میاں بھی اب ہمت کر کے منڈیر پر آ بیٹھے مگر گھونسلے سے باہر نکلنے کی ہمت نہ کر پاتے بھائیوں کو ادھر ادھر پھدکتے دیکھ کر منڈیر پر بیٹھتے بیٹھتے ہولتے رہتے۔
خدانخواستہ اگر کوئی نیچے گر جائے تو ۔’‘ وہ نیچے جھانکتے اور کانپ جاتے اور جو کبھی کتا بلی نظر آ جاتا تو پھر اندر ہی کھسک لیتے اور اپنے پتے کے پیچھے جا چھپتے۔
اب تو بی چڑیا اور چڑے میاں بھی ان کو باہر آنے کی ترغیب دیتے۔
آ کر تو دیکھو کیسا اچھا لگ رہا ہے۔’‘ بی چڑیا ایک شاخ سے دوسری شاخ پر پھدکتے ہوئے ان کو بلاتیں اور گھونسلے کی منڈیر پر بیٹھتے ننھے میاں بہانے بنانے لگتے ۔ اس وقت تو ہوا بہت تیز ہے اب تو اندھیرا ہونے والا ہے۔ اف توبہ کتنی موٹی بلی نیچے بیٹھی ہے۔ ‘‘ ان کو بہانے بھی خوب سوجھتے۔ کبھی کبھی چڑے میاں کو غصہ آ جاتا۔
کوشش نہیں کرو گے تو کیسے اڑنا سیکھو گے۔ وہ ڈانٹتے اور ننھے میاں روہانسے ہو جاتے۔ ان کی رونی شکل دیکھ کر بی چڑیا پسیج جاتیں ۔
‘’اے رہنے دو’‘ وقت آئے گا تو اڑنا بھی سیکھ لے گا۔’‘ وہ چڑے میاں کو ٹوکتیں ۔ ‘’کمزور ہے نا بے چارہ۔’‘
‘’اونہہ .... پتہ نہیں کب وہ وقت آئے گا۔ بی چڑیا کی بے جا ہمدردی چڑے میاں کو پسند نہ آتی اور وہ بڑبڑاتے ہوئے اڑ جاتے۔
ننھے میاں بھی موقع غنیمت جان کر اپنی پناہ گاہ میں جا گھستے۔
پتہ نہیں سب کیوں میرے پیچھے پڑے رہتے ہیں ۔’‘ وہ غصہ سے سوچتے ۔ جب اڑنا آئے گا تو اڑ بھی لوں گا کیا ضرورت ہے کہ ابھی سے بلاوجہ کوششیں کروں اور کسی دن نیچے گر پڑوں اور نیچے وہ موٹی، کالی خالہ بلی....
وہ خوف سے آنکھیں بند کر لیتے۔
اور ایک دن منے میاں نیچے گر ہی پڑے وہ تو خیر ہوئی کہ بی خالہ اس وقت اپنی مخصوص جگہ پر نہ تھیں گھومنے گئیں ہوئیں تھیں اور جب کافی دیر کی کوشش کے بعد بی چڑیا اور چڑے میاں ننھے میاں کو واپس گھونسلے میں لانے میں کامیاب ہوئے تو ننھے میاں کو دل کی بھڑاس نکالنے کا موقع مل گیا۔
‘’اور جا ؤ باہر اور اڑو۔ آیا نہ مزہ اب اور جو خالہ بلی ہوتیں نیچے تو اور مزہ آتا۔’‘ انہوں نے جی بھر کر منے میاں کو سنائیں ۔
اے خدا نہ کرے۔ ‘‘ بی چڑیا کا دل دہل گیا۔
‘’ جب کچھ سیکھا جاتا ہے تو ایسا تو ہوتا ہی ہے۔’‘چڑے میاں نے اطمینان سے کہا اور ننھے میاں جل گئے۔
تو ضرورت کیا ہے سیکھنے کی۔ ہر چیز اپنے وقت پر آ جاتی ہے وہ بڑبڑاتے ہوئے اپنی پناہ گاہ میں گھس گئے۔
دو چار دن تو منے میاں محتاط رہے مگر کب تک....؟
ایک دن موسم بڑا پیارا ہو رہا تھا۔ ٹھنڈی ہوائیں چل رہی تھیں ۔ بادل چھائے ہوئے تھے اور ننھے میاں گھونسلے میں بیٹھے سوچ رہے تھے کہ پتہ نہیں اماں کب آئیں گی کہ اتنے میں تینوں بھائی شور مچاتے گھونسلے میں داخل ہوئے ۔ ننھے میاں جو پہلے ہی بھوک سے پریشان تھے جھنجلا گئے۔
‘’ کیا مصیبت آ گئی؟’‘ انہوں نے خفگی کا اظہار کیا۔
‘’ پتہ ہے آج ہم تینوں اڑ کر برابر والے درخت پر چلے گئے ۔ منے میاں خوشی سے بے قابو ہو رہے تھے۔ چلیں بھائی آپ بھی بڑا مزہ آیا۔ ‘‘ انہوں نے ننھے میاں کو دعوت دی۔
اور ننھے میاں جو اب ہمت کر کے گھونسلے کے باہر والی شاخ پر بیٹھ جاتے تھے ، بھنا گئے۔
‘’چلے گئے تو کیا کمال کیا؟’‘
‘’ کمال نہیں کیا تو ذرا جا کر دکھا ؤ۔’‘ بڑے بھائی کو غصہ آ گیا۔
‘’ ضرورت کیا ہے۔ ایسی فضول حرکتیں کرنے کی۔ ‘‘ ننھے میاں نے بڑے بھائی کا بھی لحاظ نہ کیا۔ ‘’ اور جو گر جاتے تو....؟’‘
‘’ اونہہ پھر اڑ جاتے۔’‘ ننھے میاں بڑبڑائے۔ جب کوئی کام اچھی طرح آ جائے تو جب ہی کرنا چاہیے۔
‘’جب تک کوشش نہ کی جائے کچھ نہیں آتا۔ ‘‘منے میاں نے قابلیت جتائی۔
‘’تم چپ رہو جی۔ ‘‘ ننھے میاں ان پر برس ہی تو پڑے۔
‘’ذرا اڑنا کیا آ گیا ہے۔ بیچارے اترائے ہی جا رہے ہیں ۔’‘ اور منے میاں چپ ہو گئے۔اور ایک دن ننھے میاں کو ایسا لگا کہ بھونچال آ گیا ہو۔ سارے درخت پر شور مچ گیا۔ ننھے میاں حسب معمول اکیلے گھونسلے میں بیٹھے تھے۔ مسلسل جھٹکوں اور شور سے گھبرا کر انہوں نے باہر جھانکا ۔ درخت کاٹا جا رہا تھا۔ کلہاڑی کی مسلسل ضربوں سے درخت ہل رہا تھا۔ جن پرندوں کے درخت پر گھونسلے تھے۔ وہ درخت کے اوپر اڑ رہے تھے۔ اور حتی الامکان احتجاج کر رہے تھے۔ انہی میں ننھے میاں کے امی اور ابو بھی تھے۔ وہ اپنے بچوں کے لیے بے چین اور پریشان تھے ۔ پھر انہوں نے دیکھا کہ ان کے تینوں بھائیوں کو برابر والے درخت پر پہنچا دیا گیا تھا اور اب امی ابا ان کو آواز دے رہے تھے۔ بلا رہے تھے۔ آ جا ؤ۔ باہر آ جا ؤ۔ جلدی کرو۔’‘ بی چڑیا بار بار آ کر ان کے پاس بیٹھیں ۔ پھر اڑ کر باہر شاخوں پر چلی جاتیں ۔
ننھے میاں ہمت کر کے باہر شاخ پر نکل آئے مگر مسلسل جھٹکوں سے گھبرا کر پھر واپس اندر چلے گئے۔
‘’جلدی آ ؤ۔ کوشش کرو ۔ دیکھو سب جا رہے ہیں ۔’‘ بی چڑیا بہت بے چین تھیں ۔ ہمت کرو۔ اڑنے کی کوشش کرو۔’‘ مگر ننھے میاں نے کبھی کوشش کی ہوئی تو اڑتے بھی بڑی ہمت کر کے وہ شاخ کے آخری سرے تک آئے سامنے ہی دوسرے درخت کی شاخ نظر آ رہی تھی۔ بس ذرا سی ہمت، ذرا سی کوشش۔ ‘‘ مگر اسی وقت ان کی نظر خالہ بلی پر پڑی جو گیٹ کے پاس ہی ایک آنکھ بند کیے، ایک ذرا سی کھولے بظاہر اونگھ رہی تھیں مگر حقیقتاً ساری کارروائی دیکھ رہی تھیں ۔
ننھے میاں کی تو جیسے سانس رک گئی گھبرا کر واپس گھونسلے میں چلے گئے اور اسی وقت اڑ ۔ڑاڑدھم.... تنا کٹ گیا درخت گر گیا۔ گھونسلا بکھر گیا اور ننھے میاں لڑھکتے ہوئے سیدھے مانو بلی کے سامنے جا گرے۔ جو بظاہر تو سو رہی تھی مگر....
تو پیارے ساتھیو! اگر ننھے میاں بھی اڑنا سیکھ لیتے ، گھونسلے میں بیٹھے بیٹھے وقت کا انتظار نہ کرتے رہتے تو ان کی بھی جان بچ جاتی۔
آپ بھی ہر نئی چیز جاننے کی ، سیکھنے کی کوشش کیا کیجئے۔ یہ مت سوچا کیجئے کہ میں یہ کام نہیں کر سکتا،یا یہ کہ جب وقت آئے گا تو آ جائے گا۔ جو لوگ یہ سوچتے ہیں ، وہ زندگی کی دوڑ میں سب سے پیچھے رہ جاتے ہیں اور جو لوگ ہر چیز سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ اپنے آپ کو ہر کام کرنے کے قابل سمجھتے ہیں وہ سب سے آگے نکل جاتے ہیں ۔ بہت آگے.... اتنا کہ دوسرے پھر ان کے نقش قدم پر چلنے کو اپنی سعادت سمجھتے ہیں ۔
تو پیارے ساتھیو! آپ بھی کوشش کیجئے کہ آپ کا نام بھی آگے نکل جانے والوں میں شامل ہو نہ کہ پیچھے رہ جانے والوں میں ۔ دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی۔
٭٭٭
انوکھا معما
راشد علی نواب شاہی
سب پریشان ہو چکے تھے۔ ہر ایک خوف زدہ ہونے لگا۔ مختلف قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں ۔
‘’زخمی چوہا ہے۔’‘ طیب کہنے لگا۔ ‘’ نہیں باجی سانپ لگتا ہے۔’‘ عاشی کہنے لگی۔
‘’باجی! یہ دُم لگ رہی ہے، بلی کا بچہ لٹک رہا ہے۔’‘ سارہ نے بھی ڈرتے ڈرتے کہا۔
‘’ہائے اﷲ ! مجھے تو ڈر لگ رہا ہے، باجی اس کی دو آنکھیں بھی چمک رہی ہیں ۔’‘ ننھی عائشہ کہتے کہتے رونے لگی۔ غرض جتنے منہ اتنی باتیں ۔
طیب اور عاشی گھر سے باہر جانے لگے تو باہر گھپ اندھیرا دیکھ کر واپس گھر کو آ گئے۔
‘’بس، امی آنے والی ہوں گی ڈرو مت۔’‘ سب نے بڑی باجی اسما نے انہیں تسلی دیتے ہوئے کہا۔
‘’ پتا نہیں کب آئیں گی۔ جب یہ سانپ ہمیں ڈس لے گا۔’‘ عاشی کے ساتھ طیب بھی رونے لگا۔
٭....٭
اسما، سارہ، عاشی اور طیب چار بہن بھائی تھے۔ اسما سب سے بڑی باجی تھیں ۔ ان کی امی آمنہ اپنے بچوں کی دادی کو قریب ہی ہسپتال لے کر گئی ہوئی تھیں کہ اس دوران میں بجلی چلی گئی۔ ماچس ، کچن کے قریب کھڑکی پر رکھتے تھے۔
اسما نے چھوٹی بہن عاشی سے کہا کہ وہ ماچس لے کر لال ٹین جلا لے تو اچانک ماچس کے قریب اسے کھڑکی پر ایک کالی رنگ کی چیز لٹکتی ہوئی نظر آئی جو ہل بھی رہی تھی۔ عاشی کو ایسے لگا کہ جیسے یہ کوئی جاندار چیز ہے اور پھر اس نے چیخ کر سب بہن بھائی کو بلا لیا اور پھر طرح طرح کی قیاس آرائیاں ہونے لگیں ہر ایک کا دل تیزی سے دھڑک رہا تھا۔ خوف سے سب کو پسند آنے لگا۔
امی اور دادی اماں کے انتظار میں ایک ایک لمحہ مہینوں کے برابر معلوم ہونے لگا۔ سب بڑی باجی اسماءسے چپکے ہوئے تھے۔ گھر میں کوئی اور ماچس نہ تھی کہ وہ جلائیں اور کھڑکی کے پاس پڑی ہوئی ماچس کے ریب بھی کوئی جانے کی ہمت نہیں کر رہا تھا۔ مارے ڈر کے چاند کی ہلکی روشنی میں بھی کوئی پڑوسی کے گھر جانے کے لیے کوئی تیار نہ تھا۔ ان کے ابو کاروباری کام سے ‘’بھائی پھیرو’‘ گئے ہوئے تھے۔
٭....٭
دروازہ بجنے کی آواز پر سب چونکے۔
‘’اری لڑکیو! گھر میں اتنا اندھیرا کیوں کر رکھا ہے؟ ‘‘ دادی اماں نے لاٹھی کی نوک زمین پر تیز مارتے ہوئے کہا۔
عاشی اور طیب امی سے چپک گئے۔
‘’امی سانپ ہے اس کی آنکھیں بھی چمک رہی ہیں ۔’‘ عاشی نے کہا۔
‘’ نہیں امی ! بلی کا بچہ لگتا ہے۔’‘ سارہ بڑبڑائی۔
‘’ نہیں دادو! بڑا چوہا لگتا ہے اس کی دُم بھی ہل رہی ہے۔’‘ طیب نے بھی خوف زدہ ہو کر دادی اماں کو کہا۔
‘’ارے اچھا! ہٹو تو سہی مجھے کیسے چپک گئے ۔’‘ امی نے ان کو ایک طرف کرتے ہوئے کہا۔
پھر اسما نے امی کو ساری صورتحال بتائی۔
‘’ ارے! ماچس تو جلا لو۔’‘ دادو ماچس اس سانپ کے پاس ہی تو پڑی ہے۔ ‘‘ عاشی نے روتے ہوئے کہا۔
‘’ ستیا ناس اس سانپ کا۔ اس لاٹھی سے ابھی اس کی گردن کا منکا توڑتی ہوں ، کیسے ہمت ہوئی اسے ادھر رخ کرنے کا۔’‘ دادی اماں نے کہا تو عاشی، طیب اور سارہ پھٹی پھٹی آنکھوں سے دادو کو تکنے لگے۔
‘’امی! ٹھہریں پہلے وہاں سے ماچس اٹھا لیں ۔’‘ آمنہ نے دادی اماں سے کہا اور احتیاط سے ماچس اٹھانے کے لیے چل پڑیں ۔
‘’ نہیں امی آپ نے جائیں ، وہاں نہ جائیں ۔’‘ عاشی اور طیب نے اپنی امی کی ٹانگوں سے چپک گئے اور ساتھ منہ پھاڑے رو رہے تھے۔
‘’ ارے اس صدی کے بچے کیسے نکمے اور بزدل ہیں ۔’‘ یہ کہتے ساتھ ہی انہوں نے دونوں کو ایک ایک لاٹھی رسید کی اور پھر دادی اماں نے فوراً وہ ماچس اٹھا لی۔ ماچس جلا کر فوراً لال ٹین جلائی۔ لال ٹین کی روشنی میں اس عجیب و غریب چیز کو دیکھا اور اسے ہاتھ میں پکڑ لیا۔ لاٹھی کے ہتھے سے عاشی کی گردن کو ذرا کھینچا۔’‘ یہ رہا تیرا سانپ۔’‘ اور پھر ایک چپت طیب کو بھی رسید کی۔
‘’ یہ راہا تیرا چوہا۔’‘ دادی اماں نے یہ کہا ہی تھا۔
جسے سانپ، چوہا اور بلی کہا جا رہا تھا۔ وہ سارہ کا دستانہ تھا۔ جسے وہ پہن کر اسکول جاتی تھی ۔ آج اسکول سے آتے ہی کچن میں بھوک کی شدت میں اسی کھڑکی کے ساتھ لٹکا دیئے تھے اور پھر اٹھانا یاد نہ رہے۔ سانپ کی آنکھیں وہ ٹافی کا ریپر تھا جو دستانے کے ساتھ لگا ہوا تھا۔ چاند کی روشنی میں دو چمک دار آنکھیں نظر آ رہی تھیں اور جب ہوا سے وہ دستانہ ہلتا تو وہ خوف زدہ ہو جاتے ۔
چاروں بہن بھائی اس انوکھے سانپ، بلی سمجھ بیٹھے ۔ سانپ کو دیکھ کر بے اختیار ہنسی سے لوٹ پوٹ ہو گئے۔
٭٭٭
کہیں دیر نہ ہو جائے
سیدہ ایمن حسین
’ہوصی ماموں ’‘ کسی چیخ نما آواز پر میری آنکھ کھلی اور میں نے فوراً ہی بند بھی کر لی یقیناً آپی کا نزول ہو چکا تھا’’ اف ایک تو یہ صبح صبح آ جاتی ہیں ’‘ میں نے دانت کچکچا کر سوچا اور جھنجھلا کر تکیہ منہ پر رکھ لیا۔
‘’ہوصی ماموں دیکھیں ! میں آپ پر چھلانگ لگا رہی ہوں ’‘ لہک لہک کر بولتی یقیناً یہ بھانجی صاحبہ تھیں میں الرٹ ہو کر الٹا لپنے کا سوچنے لگا تاکہ بھانجی صاحبہ چھلانگ لگائیں بھی تو اتنا درد نہ ہو مگر برا ہو اس سوچنے کا کہ جتنی دیر میں بے سوچے میں لگائی اتنی دیر میں بھانجی صاحبہ کو د چکی تھیں مجھ پہ۔
‘’اوئی!’‘ میرے منہ سے دلدوز چیخ برآمد ہوئی۔
‘’کک کیا ہوا’‘ امی اور آپی حواس باختہ سی دوڑی آئیں میں پیٹ پکڑ کر دوہرا ہو گیا تھا نیند اچھی طرح پوری ہوئی تھی۔
‘’مما ہومی ماموں سو تھوڑی رہے تھے دیکھا اٹھ گئے’‘ رمیہ (بھانجی) تالیاں بجا کر داد وصول کرنا چاہ رہی تھی۔ آپی نے اسے بری طرح گھورا اور ساتھ دہاڑی تھیں ‘’امیہ چلو یہاں سے’‘ ‘’بھائی بھی تو یہاں ہیں ’‘ رمیہ معصومیت سے لہک لہک کر بولی (وہ بولتی ہی لہک کر تھی) میں الرٹ ہو گیا! مجھے یاد آ گیا کہ محترمہ کہ بھائی بھی ہوتے ہیں یعنی میرے بھانجے صاحب! اور وہ قطعاً شریف نہیں تھے میرے دماغ میں خطرے کی گھنٹیاں بجنے لگیں ۔ اس کی خاموشی طوفان کا پیش خیمہ ہوتی تھی۔
میں نیند کو خیر باد کہتے ہوئے بستر سے اٹھ کھڑا ہوا اور کچھ دیر بعد انہیں ڈھونڈ بھی نکالا۔ بستر کے نیچے موجود بھانجے صاحب کو دیکھ کر میری سمجھ سے بالا تر تھی یہ بات کہ دوات ان کے اوپر گری ہے بارہ دوات کے اوپر اور وہ صاحب ایک رنگ میں رنگے ہوئے نہیں تھے کہیں سے ہرے‘ کہیں سے نیلے‘ کہیں سے کالے اور کہیں سے لال مجھے اس وقت اپنے شوق پر سخت غصہ آیا چونکہ انک پین (INK PEN) سے کام کرنے کے لئے صرف نیلے اور کالے پین کی ضرورت ہوتی ہے مگر دوسرے دو رنگ کی دوات کی بوتلیں میرا شوق تھیں میرے جیومیٹری بکس میں چاروں کلر کے انک پین ہمہ وقت موجود ہوتے تھے۔ مگر آہ! یہ بستر کے نیچے دوات کی بوتلوں کی موجودگی کا سبب بھی میرے بھانجا‘ بھانجی تھے ہر جمعے کو ان کا نزول ضروری ہوتا ہے۔ کبھی کھار بیچ میں بھی چکر لگ جاتے تھے اور صبح صبح آٹھ بجے میری محترمہ آپی آموجود ہوتی تھیں اور ان کے بچوں کی کوشش ہوتی تھی کہ مجھے کسی نہ کسی طرح اٹھا دیں چاہے کود پھاند کر ہی مگر میری آنکھیں کھلی دیکھ لیں مگر میری آنکھیں کھلی کم اور ابلتی زیادہ تھیں ان دنوں کی حرکتوں پہ‘
٭٭٭
‘’اس کوتو میرے بچوں کا آنا ہی برا لگتا ہے ہٹ جائیں اب میں جا رہی ہوں چلو ریان اٹھو‘ رمیہ آپ بھی جوتے پہنیں ’‘ آپی غصے میں تیز تیز بولنے اور ہاتھ چلانے لگتی تھیں وہ ‘’شو’‘ ایسا کراتی تھیں جیسے بہت تیزی سے کام کر رہی ہیں مگر وہ تیزی سے تو کیا کام ہی نہیں کر رہی ہوتی تھیں محض ادھر ادھر ہاتھ ما رہی ہوتی تھیں ۔ ابھی بھی کچھ زیادہ نہیں ہوا تھا انہوں نے مجھ سے کہا بچوں کو چیزیں دلا لاؤ۔ میں نے بچوں کو پکڑا سامنے والے بچے کے ساتھ کیا اور خود اندر گیا! مگر‘ لگتا ہے وہ بچہ بھی ہماری کسٹڈی میں کافی عرصہ رہا تھا‘ بچوں کو دکان پہ لے جا کر کھرا کر کے چیزیں دلانے کا احسان کر کے کھیلنے کودنے چلے گئے محترم‘ بچے پہلے آنکھیں پھاڑ پھاڑ کے آس پاس دیکھتے رہے پھر جب ان کی چیزوں کی چھینا جھپٹی شروع ہوئی تو دونوں نے جو گلا پھاڑنا شروع کیا تو الامان وہ تو بھلا ہو ولید کا امیر واحد اور بہترین دوست اس نے دونوں کو دیکھا اور بائیک پہ بٹھا کر گھر چھوڑ گیا‘ اور اب جب سے میں گھر میں داخل ہوا تھا تب سے آپی تیز تیز ہاتھ چلا چلا کر اپنے غصے کا اظہار کر رہی تھیں اور اپنے گھر جانے ا اعلان فرما رہی تھیں امی سے! ‘’چلو ریان’‘ رمیہ جوتے پہنو سنا نہیں تم نے’‘ آپی بری طرح دہاڑی تھیں ۔
‘’ماما آپ جائیں نہیں جا رہے! رمیہ تم جاؤ گی’‘ ریان معصومیت سے رمیہ سے پوچھ رہا تھا۔ ‘’نئیں ’‘ رمیہ نے جھٹ نفی میں سر ہلایا۔
‘’ماما‘’ گلطی ہو گئی ناں ماموں سے’‘ معصوم بھانجے نے ‘’غ’‘ کو ’گ‘ میں بدلتے ہوئے میری حمایت کی معصوم میرا بھانجا کتنی محبت کرتا ہے مجھ سے اور میں ....؟ تف ہے مجھ پر’‘
‘’رہو پھرا دھر ہی ماموں کو فکر ہی نہیں ہے کوئی ان کی! بھانجا بھانجی محبت میں دوڑے چلے آتے ہیں ’‘ آپی کے ہاتھ ہنوز تیز تیز چل رہے تھے۔
‘’حو ہو گئی آپی ایک تو آپ ذراسی بات کا بتنگڑ بنا دیتی ہیں ! آصف بھائی آنے ہی والے ہیں ان ہی کے ساتھ چلی جائیے! اتنی مہنگائی ہو گئی ہے اتنا پیٹرول خرچ کر کے وہ یہاں آئیں اور آپ بھی اتنے پیسے پھونک کے گھر جاچکی ہوں تو ان کو غصہ نہیں آئے گا اور پیسوں کا الگ زیاں (میں جو سوچ رہا تھا شاید وہی میرے منہ سے نکل رہا تھا۔
‘’مم میرا مطلب ہے آپی! میری پیاری آپی مت جائیں آئندہ اتنی سفاک غلطی کرنے کی نہ ہمت کروں گا میں نہ جرا ت’‘ آپی کے بری طرح گھورے پر میں نے اپنا بیان اور انداز دونوں بدل لئے تھے۔ کیونکہ سکون تھا کہ آپی تو شام میں چلی جائیں گی مگر میرا سکون تو اس وقت غارت ہو گیا جب مجھے پتہ چلا کہ آپی اتوار تک رہیں گی یعنی پورے دو دن! میں دھک سے رہ گیا اور اپنا غم غلط کرنے کے بعد ہاں پہنچ گیا۔ میں بیزاری سے پتھر اٹھا اٹھا کر نشانے لے رہا تھا مگر جمال ہے کہ ایک بھی پتھر موصوف ولید کے کمرے کی کھڑکی پر لگا ہو میرا ہر نشانہ خطا ہو رہا تھا اور میری بے زاری .... کو چھو رہی تھی۔ موصوف یقیناً سو رہے تھے کیونکہ اسے آوازیں دے دے کر میرا گلا سوکھ گیا تھا! میں بیل دے دے کر انگلیاں تھک گئی تھیں ‘ مگر جمال ہے کہ محترمہ ولید صاحب کے کام پر ‘’جواں ’‘ بھی رینگا ہو۔ تھوڑی ہی دیر بعد میں نے ہمت کر کے بیل بجا ہی دی اور زورو شور سے دعا کرنے لگا کہ محترم ولید صاحب کی محترمہ والدہ دروازہ نہ کھولیں کیونکہ میں جب گلی میں داخل ہو رہا تھا تو محترم ولید صاحب کی والدہ نے مجھے دیکھ لیا تھا اور دروازہ اتنی زور سے دھڑ کر کے بند کیا کہ برابر والے منظور انکل سر کھجاتے باہر آ گئے وہ اتنے کاہل تھے کہ سبزی والے کے برابر والی دکان میں کھڑے ہوں اور انہیں کوئی دکھ جائے تو ان کی بھر پور کوشش ہوتی تھی کہ وہ بندہ انہیں سبزی خرید کر دے جائے اور ہوسکے تو گھر بھی پہنچا جائے۔ (اور وہ بندہ اکثر و بیشتر میں ہی ہوتا تھا)
‘’ہومی ماموں !’‘ رمل دروازہ کھول کے میری گود میں چڑھ گئی حسب معمول یقیناً میری دعائیں تھیں جو کار گر گئیں تھیں ! ولید کی بہن رمل میری بھانجی‘ رمیہ‘ جتنی تھی اسی لئے ان کی دیکھا دیکھی وہ بھی مجھے ‘’ہومی ماموں ’‘ کہتی تھی۔
‘’بھائی اوپر ہیں ‘ میں نے حتی المقدور اپنی آواز دبائی (مبادا والدہ محترمہ نہ سن ہیں ) ‘’نئیں ’‘ اس نے بھی میرے انداز میں جواب دیا۔
’اچھا!’‘ میں نے اسے گود سے اتارا اور سیدھا اوپر بھاگا ۔وہی ان کی والدہ محترمہ کا ڈر)
‘’اللہ کرے پشاور والی تمہاری خالا تین مہینے کے لئے رہنے آ جائیں تمہارے ہاں ’‘ یہ ایک ایسی دعا تھی جس کو سن کہ ولید صاحب تھرا اٹھتے تھے کیونکہ اس کی وہ خالہ خاصی تنقیدی تھیں ۔ ہم تو انہیں کہتے ہی تنقیدی خالہ تھی۔
‘’ولید کے بال کیسے ہیں ! ہاں بھئی یہاں کے لڑکے تو فیشن میں دبلے ہیں ’‘
‘’یہ کیسی شرٹس پہنتا ہے! تو یہ فیشن بھی بندہ اپنے آپ کو دیکھ کر کرے’‘ قسم کے تبصرے ولید کو بری طرح تپا دیتے تھے اور ان دنوں اس کے دن رات میرے ہاں سر ہوتے تھے۔
اور ہماری ‘’کمبائن اسٹڈی’‘ ڈے اینڈ نائٹ ہو جاتی تھی۔
‘’اللہ کے واسطے! جتنے پیسے ادھار چاہیں لے لو! میری کوئی شرٹ پہننے چاہے لے لو! مگر ایسی بددعا مت دو ‘’وہ رونی صورت بنائے اپنے بستر پہ اکڑوں بیٹھا ہاتھ جوڑ ے کہہ رہا تھا۔
‘’یار! آپی دو دن رہیں گی’‘ میں نے اس سے بھی زیادہ رونی صورت بنا کر اسے اطلاع دی۔
‘’ایں ! اس نے میرے جیسی رونی صورت بنانے کی ناکام کوشش کی اور اس کوشش میں وہ صاحب خاصے ہونق لگے رہے تھے۔
‘’اب ان دو دن رمل سمیت دونوں بچوں کو پارک لے جانا‘ جھولے دلوانا‘ ان کی بے جا فرمائش پوری کرنا یہ سب میں کروں گا’‘ ولید رونی صورت بنانے میں ناکام ہو کر اب اپنا غم لفظوں میں ڈھال رہا تھا۔ ‘’تمہاری اتنی پریڈ نہیں لگتی جتنی میری لگتی ہے۔’‘
‘’کیوں تم ان کے ماموں ہو اس لئے؟’‘ میرے کہنے پر اس نے سوال کیا۔
‘’ہاں ظاہر ہے! اور تمہاری بہن کا بھی میں ‘’ہومی ماموں ‘’ ہوں ! تو سب کا ماموں بنا میں ان کو چیزیں دلا رہا ہوتا ہوں ’‘ میں نے اپنا راگ الاپا۔
‘’اتنے فقیر تو مت بنو! آئندہ اپنی بہن کے پیسے میں خود دے دوں گا’‘ ولید صاحب اپنی بہن کے ذکر پر بری طرح جذباتی ہوئے۔
‘’میرے دوست! میرے عزیز پیسوں پر نہیں ہم تو وقت کی بربادی پر اور اس شرمندگی پر کڑھ رہے ہیں جو ان کی حرکتوں کے نتیجے میں ہمیں اٹھانی پڑتی ہے۔’‘ میں نے اسے ٹھنڈا کرنا چاہا۔
‘’یار قسم سے یہ بچے! (میں نے اپنے دانت بھینچے) اللہ کرے آصف بھائی آپی کو لینے آ جائیں ۔’‘
میرے ساتھ تم بھی دعا کرو، یوں کسی کے حق میں برا نہ ہو
کہیں اور ہو نہ یہ حادثہ، کہیں آپی کا نزول نہ ہو
میں او ولید دعا کے انداز میں ہاتھ اٹھائے لہک لہک کر پڑھ رہے تھے۔
میرا اصل مسئلہ شاید یہ ہی تھا! یعنی توجہ کا آپی مجھ سے کافی سال بڑی تھیں اس لئے انہیں زیادہ توجہ ملی اور میرے فوراً بعد سمیر تھا‘ تو امی ابو کی توجہ اس کی طرف منتقل ہو گئی ساتھ شاید محبت بھی۔ مزاجاً تو میں اپنے آپ میں مگن رہنے والا ہوں لیکن اس کمتری کے احساس نے (کہ میں اپنے گھر والوں کے لئے اتنی اہمیت کا حامل نہیں ہوں ! مجھے اپنے گھر والوں سے دور کر دیا اور میں آہستہ آہستہ ان سے دور ہوتا گیا مگر اف یہ بچے! یہ تو خواہ مخواہ ہی فری ہو جاتے ہیں چاہے وہ رمل ہو، ریان ہو، یا رمیہ شاید ان کے اتنے اہمیت دینے پر میں گڑبڑا گیا تھا، یا شاید حواس باختہ ہو گیا تھا کہ یہ جتنا میری طرف آتے ہیں اتنا ہی ان سے بھاگتا شاید میں شروع سے ہی اکیلا اکیلا رہا تھا اس لئے ولید ہی میرا واحد دوست تھا جس سے میں بہت بے تکلف تھا اور ہر وقت اس کے ہاں ہی پڑا رہتا تھا اور اس کی والدہ! آہ ان کا قصہ.... وہ تو شاید مجھے دیکھ کر مزید بڑھا جاتا تھا۔ (سوری آنٹی)
آپی سے عمروں کے اتنا فرق ہونے کی وجہ سے میں فری نہ ہوسکا کیونکہ وہ ہر وقت حکم دیدے کر کام کرتی تھیں اور اب بھی یہ ہی کرتی ہیں ۔
‘’اور سمیر وہ تو امی حضور کے پاس ہی براجمان رہتا ہے ہر وقت’‘
اور میں غالباً آپی اور امی کی ضد میں ہی آپی کے بچوں کو نظر انداز کرتا تھا۔ (کیونکہ آپی سے محبت کا تقاضا تھا کہ امی دوسروں کو بھی ان سے اور ان کے بچوں سے محبت کرنے پر مجبور کریں ) اور جو وہ ہر وقت کرتی تھیں ۔
‘’آپی نہیں آ رہی بہت دنوں سے’‘ کتنے دنوں سے صبح صبح مجھے کوئی اٹھا نہیں رہا تھا۔ میری چیزیں بھی اپنی جگہ پر موجود تھیں جب میں پیسے بھی ہنوز موجود اور لو اور کل میں پارک میں سموکنگ کرنے گیا تو جھولے والے انکل مجھ سے کہہ رہے تھے ‘’آپ کے بھانجا بھانجیاں نہیں آ رہے بہت دنوں سے’‘ میں امی سے سوال پوچھنے کے بعد اپنا ہی سوچنے لگا اور ان کا جواب بھی نہ سن پایا۔
‘’بتائیں !’‘ میں دوبارہ بضد ہوا۔ ‘’بتایا تو ہے مجھے نہیں پتا’‘ امی ہمیشہ کی طرح مجھے جواب دیتے ہوئے جھنجھلا گئیں ۔
‘’میں کیا کروں ؟ ولید مجھے رمیہ، ریان یاد آ رہے ہیں ’‘ بالآخر دن بھر کی کوفت کے بعد میں ولید کے پاس چلا آیا اپنا غم غلط کرنے (ہمیشہ کی طرح)
‘’میرے سر کے بال نوچو’‘ ولید نے اپنا سر آگے کیا۔
‘’بنا تو لیا کرو؟ پھر ایسی پیشکش کیا کرو’‘ میں نے ناک بھوں چڑھائی اور امل کو گود میں اٹھاتا بائیک مین بیٹھ گیا۔
‘’تم مجھ سے ناراض کیوں تھیں بھانجی’‘ میں نے اس کی پونی جھلائی‘ کیونکہ جب میں ولید کے گھر پہنچا تھا تو رمل گود میں آنے کے بجائے بھاگ گئی تھی۔
‘’بھائی کہہ رہے تھے فری ہونے والے بچے اچھے نہیں لگتے’‘ منہ بنا کر بولی اور میں ہنس دیا اس کی معصومیت پر بھی اور اس کے بھائی کی معصومیت بڑھی‘ کیونکہ باوجود ناراضگی کے وہ میرے پیچھے بائیک پر براجمان تھا اور میرے بائیک چلانے کا منظر تھا۔
‘’ہومی ماموں ’‘ رمیہ حسب عادت آ کر مجھ سے لپٹ گئی اور ریان خوشی سے کھڑا مسکرا رہا تھا میں نے اسے اشارے سے اپنے پاس بلایا جب تک رمیہ صاحبہ ولید کے ساتھ معاونت میں مصروف تھیں ۔
‘’ارے ضمیر! ولید تم بھی آئے ہو! چلو اندر اب کھانا کھانے سے پہلے تم لوگوں میں باہر قدم بھی نکالنے نہیں دو گی ابھی آصف کو فون کرتی ہوں ؟ آپی خوشی سے باؤلی ہو رہی تھیں (آپس کی بات ہے ویسے وہ غصے میں بھی باؤلی ہوتی ہیں ؟ کیوں ؟؟؟
‘’نہیں آپ بیٹھیں آصف بھائی آئیں گے تو ان سے اجازت لیکر رہنے چلیں ! میں تو بور ہو گیا یار بچوں کے بغیر’‘ میں نے گود میں براجمان رمیہ کی پونی جھلائی (آہ!میری عادت)
‘’ہاں کچھ مصروفیت تھی اس لئے نہیں آپا رہی تھی آؤں گی کسی دن’‘ مجھے پتہ تھا وہ مجھ سے نالاں تھیں ۔
‘’کسی دن کیوں ؟ میں آج! پارک میں سب پوچھ پوچھ کر تھک گئے کہ آپ کے بھانجہ بھانجی کب آئیں گے اور گھر میں تو آپ کو پتہ ہے سمیرا اور امی‘ ابو کا اور میرا بھی’‘ میں نے تقریباً ان کے کام میں گھس کر آخری الفاظ ادا کئے۔
‘’مگر آصف!’‘ انہوں نے اک بار پھر عذر تراشا۔
‘’اچھا رکیں ’‘ میں نے جھٹ موبائل نکالا اور آصف بھائی سے اجازت لی اور ظاہر ہے وہ میرے بہنوئی تھے اچھے سے فوراً مان گئے۔
‘’تم بہت بدتمیز ہو! مجھے بہت کام ہیں حمیر’‘ ان کے نخرے ختم ہونے میں نہیں آ رہے تھے۔
‘’ٹھیک ہے ہم انتظار کر لیتے ہیں ’‘ میں ان کا ہی بھائی تھا۔
‘’تمہاری پڑھائی کا خرچ ہو گا’‘ توبہ تاک کے نشانہ مارا تھا انہوں نے۔
آپی جب کسی کو غلطی کا احساس ہو جائے تو اسے معاف کر دینا چاہئے نخرے نہیں دکھائے چاہئیں ‘’ہائے ولید تم نے تو میرا آدھا کام کر دیا۔’‘ انہوں نے تیار شیار بچوں کو دیکھ کر کہا اور میری بات نظر انداز کر دی۔
‘’آپی!’‘ میں نے انہیں جھنجھوڑا ‘’جاؤ معاف کیا پیارے بھائی! اب چلیں ’‘ انہوں نے میرا دل خوش کر دیا۔
‘’گڈ اب کی ہے ناں میری آپی بنے والی بات!’‘ میں نے ولید کو اپنے ساتھ کھینچتے ہوئے‘ ہونٹ پھیلائے اور ٹیکسی لینے چل دیا اب اتنی پلٹن بائیک پر تو سوار ہونے سے رہی۔ میں نے تو اپنوں کو منا لیا! آپ کا اپنا آپ سے ناراض ہے تو آپ بھی بھاگیں دیر ہو گئی تو....؟؟؟
٭٭٭
بونگا ایڈیٹر
محمدالیاس نواز
احمد صاحب تھوڑے دن قبل ہی اپنے مختصر سے خاندان کے ساتھ ہمارے محلے میں منتقل ہوئے تھے ، بہت ہی شریف النفس اور اچھے انسان تھے چند ہی دنوں میں انھوں نے تمام محلے میں اپنی اچھی ساکھ بنا لی ۔سیانوں کا قول ہے کہ’’ اچھے لوگ کم ہی جیتے ہیں ’‘۔بالکل اسی طرح اچانک احمد صاحب کا بھی انتقال ہو گیا۔ ان کے صرف دو ہی بیٹے تھے،بڑا بیٹا علی اور چھوٹا بیٹا شریم۔پہلے تھوڑا سا ذکر علی کا۔علی صورت اورسیرت میں تو اپنے والد کی ہو بہو تصویر تھا اور ذہانت میں تو اس کا کو ئی مقابل ہی نہیں تھا وہ کم بولتا مگر جب بھی بولتا سامنے والے کو دنگ کر دیتاساتھی اور دوست اس کے بولنے کا انتظار کرتے تھے۔المختصر کہ وہ بے انتہا خوبیوں کا اکیلا مالک تھا ۔بس پھر والد کے انتقال کے بعد یہ بات پھر ثابت ہو گئی کہ اچھے لوگ زیادہ نہیں جیتے اور ایک سال کے بعد علی بھی اس دنیا سے چلا گیا۔اب ذرا ذکر شریم کا۔شریم حد سے زیادہ سادہ اور بغیر سوچے سمجھے کام کرنے والا لڑکا تھا محلے کے لڑکوں میں وہ ‘’بونگا’‘ یعنی بیوقوف مشہور تھا ۔پہلے تواس کا حلیہ مبارک سنیئے جو وقتاً فوقتاً ہم نے دیکھا ۔سیدھے پاﺅں میں ہری چپل تو اُلٹے میں کالی وہ بھی ایک بڑی تو دوسری چھوٹی ۔پینٹ کا ایک پائنچا کھلا ہوا اور دوسرامُڑا (fold)ہوا۔ناک بہہ کر جیب میں جاتی ہوئی تو قمیض بغل تک پھٹی ہوئی ۔شرٹ سے ناک صاف کرنے کے لئے جو شرٹ اُوپر اُٹھائی تو پینٹ میں بیلٹ کی جگہ اَزار بند ڈلا ہوا۔،قمیض کی ایک طرف کی جیب کسی سخت پیاسے جانور کی زبان کی طرح باہر کو لٹکتی ہوئی ۔کالر ایک طرف سے اندر کو مڑا ہوا تو گریبان کے اوپر والے بٹن نیچے اور نیچے والے اُوپر کو لگے ہوئے۔ یہ تھا مختصر ساحلیہ شریم المعروف ‘’بونگے’‘ کا۔والد اور بڑے بھائی کے اچانک انتقال کے بعد اب صرف شریم اور اس کی والدہ بچے تھے۔علی ہمیشہ گھر کے کام کاج میں والدہ کا ہاتھ بٹایا کرتا تھا۔اب شریم کو جوش چڑھا اور اس نے والدہ سے کہا کہ اب میں آپ کا ہاتھ بٹایا کروں گا۔ماں نے سمجھایاکہ بیٹا تمہیں ابھی کام کرنے کی عادت نہیں ہے اس لئے تمہیں کام کرنے کا سلیقہ بھی نہیں آئے گا تم اُلٹا میرا کام بگاڑ دو گے۔ کہنے لگا نہیں امی آپ دیکھیں گی کہ میں کیسے محنت اور لگن سے کام کرتا ہوں ۔دوسرے دن صبح سویرے جب اس کی امی کی ابھی آنکھ نہیں کھلی تھی۔اس نے کمرے کی قالین کی صفائی کا فیصلہ کیا اور تمام قالین کی پانی اورسرف سے صفائی کر دی۔ جب امی کی آنکھ کھلی تو بیڑہ غرق ہو چکا تھا،اور قالین نہا چکا تھا۔امی نے یہ دیکھ کر سر کو پیٹ بلکہ کوٹ لیا۔ دوسرے دن کپڑے استری کرنے بیٹھے تو انہیں اپنے والد مرحوم کی وہ بات یاد آئی جو وہ کہا کرتے تھے کہ ’’کاٹن تو بڑا ہی نازک اور نفیس کپڑا ہو تا ہے ‘‘یعنی ذراسا کسی کی چیزسے اٹکے تو پھٹ جاتا ہے ۔مگر شریم صاحب کچھ اور ہی سمجھے اور انہوں نے استری کو کم گرم کیا اور کاٹن کا سوٹ استری کر لیا اور جب ریشم(silk)کی باری آئی تو استری کو اچھی طرح گرم کیا اور لگے استری کرنے بس پھر استری جہاں جہاں سے گزرتی گئی اپنا راستہ بنا تی گئی اور ریشم کی جگہ ریشے چھوڑتی گئی۔انہوں نے ہاتھ میں جلے ہوئے ریشے لئے اور استری سے درد بھرا شکوہ کرنے لگے کہ’’ تجھے بھی مجھ سے ہی دشمنی تھی ہیں !تو نے بھی میرا خیال نہیں کیا ناں !ہیں !ذرا بھی رحم نہیں آیا تجھے۔اب مجھے کون بونگا نہیں کہے گا’‘۔ اسی طرح ایک دن موصوف کھانا پکانے لگے تھے ۔گھی کو دیگچی میں ڈال کر سخت گرم کیا اور پھر اس میں پانی ڈال دیا۔ شاید گھی کو گلانے لگے تھے۔ سخت گرم گھی میں تھوڑا سا جو پانی پڑا تو اس نے آگ پکڑ لی۔پھر جو ہوا مت پوچھئے۔آٹا گوندھنے لگے توآستینیں اُوپر چڑھانے کے بجائے شلوار کے پائنچے اُوپر چڑھا لئے ،شاید ہاتھوں کے بجائے پاؤں ۔جس برتن میں آٹا گوندھنا تھا وہ تو ملا نہیں اور امی سے پوچھتے تو ظاہر ہے کہ وہ منع کر دیتیں ۔ پھر انہیں سمجھ نہ آیا کہ کیا کریں ۔بالآخر انہوں نے دیگچی لی اور اس میں پانی بھر لیا پھر اس میں احتیاط کے ساتھ تھوڑا تھوڑا آٹا ڈالتے گئے اور وہ ڈلیاں بنتا گیا۔پھر انہوں نے دونوں ہاتھوں سے ان کو پھینٹ کر اس آٹے کو پتلی پتلی لئی (گوند)بنا دیا۔اور پھر وہی مثال بن گئی کہ ‘’مفلسی(غریبی) میں آٹا گیلا’‘۔کھانے میں انہیں میٹھا بہت پسند ہے۔ویسے ہر میٹھی چیز شوق سے کھاتے ہیں مگر سوجھی کا حلوہ تو ان کی کمزوری ہے ۔ایک دن امی سے فرمائش پر حلوہ پکوایا اور سلاد کے ساتھ کھا نے لگے کہ آخر میٹھی چیز سلاد کے ساتھ کیوں نہیں کھائی جا سکتی ۔پیٹ بھر کے پیاز کے ساتھ حلوہ کھایا اور پھراس’’ صحت بخش غذا’‘ کے بعد طبعیّت ایسی’’ ہری’‘ ہوئی کہ اللہ کو پیارے ہوتے ہوتے بچے۔لیجئے اور سنئے ایک دن تو انہوں نے عجیب ہی حرکت کی۔ ہوا یوں کہ انہوں نے ٹھنڈے پانی کا گلاس کولرسے بھرا کہ اتنے میں ان کی والدہ وہاں آ گئیں اور ان سے کوئی بات پوچھنے لگیں ۔وہ تو بات کر کے چلی گئیں مگر شریم صاحب یہ بھول گئے کہ انھوں نے پانی نہیں پیا۔ وہ سمجھے کہ انہوں نے پانی پی لیا ہے اور خالی گلاس اس کے ہاتھ میں ہے اس نے وہ بھرا ہوا گلاس دوبارہ اُلٹا کر کے کولر پر رکھ دیا۔اب تو محلے کے کتے بھی ان پر آوازیں کسنے لگے تھے ۔ جب وہ باہر نکلتے تو ان کو دیکھ کے وہ بھونکنے لگتے شاید اپنی زبان میں وہی لفظ کہتے ہوں جو محلے کے لڑکے انہیں کہتے تھے ۔ایک دن جو کتا بھونکا تو انہوں نے جیب سے موبائل نکالا اور دے کھینچ کے مارا کتے کو۔موبائل لگتے ہی کتا بھاگ گیا تو فر مایا ’’ہاں تو تجھے بھی نوکیا(NOKIA)کی چوٹیں اچھی لگتی ہیں ۔پتھر سے تو تیرا بھی گزارہ نہیں ہوتا ۔ہم نے کہا شریم یہ کیا کیا!موبائل کا بیڑہ غرق کر دیا ؟۔کہنے لگے پتھر سے جا ہی نہیں رہا تھا ظالم ۔اب کچھ دنوں سے انہیں جوش چڑھا ہو ا تھا اور انہوں نے ضد شروع کی ہوئی تھی کہ وہ کہیں نہ کہیں ملازمت کریں گے۔ماں نے بہت کہا کہ کیا ضرورت ہے۔ اللہ کا احسان ہے والد کی پینشن سے گزارا ہو رہا ہے اور زیادہ کی ضرورت نہیں ہے ۔مگر وہ یہی کہتے رہے کہ مجھے بھی کام کرنا چاہئے ۔انھوں نے محلے کے ایک جنرل اسٹور پر کام شروع کیا اور اپنی’’ طبعی سخاوت ‘‘کے در کھول دئے ۔اب آپ اس کو شریم کا بونگاپن کہیں یا کچھ اور کہ گاہک آٹا تو پیسوں سے لے کر جاتا اور چینی!بالکل مفت ۔ٹافیاں تو کوئی سودا لے یا نہ لے مفت بلکہ اب تو محلے کے بچے اتنے فری ہو گئے تھے کہ خود ہی آ کر ٹافیوں میں ہاتھ ڈال دیتے۔تھوڑا عرصہ تو یہ سلسلہ چلا مگر اس سے پہلے کہ اسٹور میں کچھ نہ رہتا شریم کی ملازمت نہ رہی۔اتنے میں ان کے امتحان شروع ہو گئے ۔ایک دن پرچہ دے کے آئے توہم نے پوچھا کہ کیسا ہوا آج کا پرچہ؟۔کہنے لگے یار اتنا کوئی اچھا نہیں گیا ہم نے پوچھا کیوں ؟۔کہنے لگے ‘’پسندیدہ شخصیت‘‘ پر مضمون لکھنے کو آ گیا۔ہم نے پوچھا ’’پھر؟’‘ آنکھیں پھاڑ کر ہمیں دیکھا اور کہنے لگے پھر کیا!میں نے چھوڑ دیا،میں نے پسندیدہ شخصیت پر تھوڑی یاد کیا تھا ،میں نے تو ‘’ قائد اعظم ‘‘پر مضمون یاد کیا تھا ۔ ابھی کچھ عرصہ قبل ہی ایک آفس میں اندر باہر کے کام کے لئے ایک لڑکے کی ضرورت تھی تو فہیم نے شریم کو وہاں لگوا دیا تھا۔آج ہم نے فہیم سے پوچھا کہ کیا بات ہے آج کل شریم کم کم نظر آ رہا ہے تمہارا تو بڑا پکا دوست ہے کیا خیر خبر ہے اس کی؟کیا دفتر میں کام زیادہ ہوتا ہے؟۔ تو وہ مسکرایا اوراس نے جو جواب دیا تو ہمارا منہ بھی بونگوں کی طرح کھلا کا کھلا رہ گیا۔ ہمیں تو اپنے کانوں پر یقین ہی نہیں آ رہا تھا اورسمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ سینے کو کُوٹیں یا عقل کو پیٹیں ۔جیتے جی ہم نے بھی کیا کیا تماشے نہیں دیکھے ۔ کہنے لگا ’’بونگا’‘ بچوں کے ایک رسالے کا ‘’ایڈیٹر ‘‘ہو گیا ہے۔
٭٭٭
میں نہیں بھول سکتا
عارف شین روہیلہ
کمزوری کی وجہ سے ہماری اماں کی طبیعت خراب رہتی تھی۔ اسی لیے ہم نے گھر میں کام کاج کے لئے ایک غریب خاتون نسرین بی بی کو رکھ لیا۔ نسرین بی بی صبح سات بجے سے بھی پہلے ہمارے گھر آتی پہلے وہ میرے بچوں کے لیے ناشتہ تیار کرتی پھر اماں کو کھانا وغیرہ دیتی۔ پھر ہمارے لیے صبح کا ناشتہ تیار کرتی۔ برتن وغیرہ دھوتی اور کچھ ناشتہ اپنے بچوں کے لئے لے کر چلی جاتی، شام کو بھی وہ اسی طرح آتی اور رات نو بجے سے پہلے اپنے گھر چلی جاتی۔ اس کی دو بیٹیاں اور ایک سال کا بیٹا تھا۔ اس کی بڑی بیٹی شازو بھی اکثراس کے ساتھ آ جاتی اور کام کاج میں اپنی ماں کا ہاتھ بٹاتی جبکہ اس کی چھوٹی بیٹی ناز و گھر میں اپنے بھائی کے ساتھ رہتی۔ نازو کا باپ ہیروئن کا نشہ کرتا تھا اسی لیے وہ کوئی کام نہیں کرتا تھا۔ نازو کی دادی اپنے گھر کے باہر بچوں کے لئے کھٹ مٹھے وغیرہ بیچا کرتی تھی۔ ایک روز سردیوں کی گہری صبح تھی۔ شازو خود ہی کام کے لئے چلی آئی۔ اس روز مجھے کراچی جانا تھا۔ اسی لیے جلدی اٹھ گیا تھا۔ میں نے جب اسے کام کرتے ہوئے دیکھا تو پوچھ بیٹھا۔
‘’ تیری امی کیوں نہیں آئی....؟’‘
‘’ میرے بھائی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، اسی لیے....’‘ اس نے دھیمے اور مایوس لہجے میں کہا۔
‘’تجھے ناشتہ بنانا آتا ہے....؟’‘
‘’ میں اپنے بہن بھائی کے لئے خود ہی ناشتہ بناتی ہوں ۔’‘ اس نے بڑے پن سے کہا تو میں منہ ہاتھ دھونے کے لئے واش بیسن کے پاس چلا گیا جبکہ وہ باورچی خانے میں مصروف ہو گئی۔ وہ بڑی سلیقہ شعار بچی تھی۔ پہلے اس نے مجھے ناشتہ دیا پھر میرے بچوں کو ناشتہ کرایا پھر ہماری اماں کو ناشتہ دے آئی۔ پورا ناشتہ اس نے ٹھیک بنایا تھا مگر چائے میں ذرا شکر زیادہ تھی۔ خیر ناشتہ کرتے ہی میں نے کپڑے وغیرہ تبدیل کیئے تو شازو میرے پاس آ کھڑی ہوئی۔
‘’ صاحب....’‘ اس نے آہستہ سے کہا۔
‘’ہاں بولو....’‘ میں نے کہا۔
‘’ وہ میرا بھائی بہت بیمار ہے، اماں نے کچھ پیسے منگوائے ہیں ۔’‘
‘’ میں نے پرسوں کو تیری ماں کو سو روپے دیئے تھے۔’‘ میں نے حیرت سے کہا۔
‘’ وہ تو بھائی کی دوا میں خرچ ہو گئے، اگر آپ دو گے تو مہربانی ہو گی، اماں بولتی ہے آپ ہفتے میں کاٹ لینا۔’‘ اس نے سادہ پن سے کہا۔
‘’ ابھی تو میرے پاس پیسے نہیں ہیں ، کراچی سے واپس آ کر دے دوں گا۔’‘ میں نے جان چھڑانے کے سے انداز میں کہا۔
‘’اچھا....’‘ شازو نے اداسی سے کہا اور مرے مرے قدموں سے واپس باورچی خانے میں چلی گئی جبکہ میں تیار ہو کر کراچی چلا گیا۔ رات کوئی دس بجے میں تھکا ہارا گھر میں داخل ہوا تو میری پہلی نظر نسرین بی بی پر پڑی۔ اس نے مجھے دیکھتے ہی سلام کیا۔
‘’ اطہر بھائی میرے منے کا بخار نہیں اتر رہا ہے اسے اسپتال میں داخل کرانا پڑے گا کچھ پیسے دے دو بڑی مہربانی ہو گی۔’‘
‘’ میں نے شازو کو کہہ تو دیا تھا کہ ابھی پیسے نہیں ہیں .... تو پھر آ گئی....’‘
‘’ میں بہت مجبور ہوں اطہر بھائی، میں اپنے بچوں کے لئے ہی تو سب کچھ کر رہی ہوں اب تو میرے پاس بیچنے کے لئے کوئی چیز بھی نہیں ہے، مہربانی کرو اظہر بھائی....’‘ نسرین بی بی نے ہاتھ جوڑ کر عاجزی سے کہا تو مجھے غصہ آ گیا۔
‘’ کہہ تو دیا ہے کہ میرے پاس پیسے نہیں ہیں تو کیوں میرا دماغ خراب کر رہی ہے۔’‘ میری بات سنتے ہی وہ آنکھوں میں آنسو لیے اکھڑے ہوئے قدموں کے ساتھ واپس جانے لگی، واپسی پر اس نے مڑ کر بھی دیکھا مگر میں کمرے میں جا چکا تھا۔ اسی لیے وہ رنجیدہ رنجیدہ سی زینے اتر گئی۔ میرا خیال تھا کہ وہ اب نہیں آئے گی مگر دوسری صبح ہی اس کی شازو کام کرنے چلی آئی مجھے اس کے آنے پر حیرت ہو رہی تھی۔ جب وہ میرے لیے گرم گرم چائے لے کر آئی تو میں نے دبی دبی آواز میں اس سے پوچھ ہی لیا۔
‘’شازو، اب تیرے بھائی کی طبیعت کیسی ہے....؟’‘
‘’جی وہ اماں اسے اسپتال لے گئی تھی وہاں اسے داخل کر لیا ہے۔’‘
‘’ پیسے کہاں سے آئے....؟’‘ میں نے پھر پوچھا۔
‘’ جی معلوم نہیں ....’‘ اس نے مختصر کہا اور اپنے کام میں جا لگی اور میں اپنے بچوں کی ہمراہ ٹی وی پر کارٹون دیکھنے لگا۔ اچانک ہی باورچی خانے سے شازو کی چیخ و پکار سنائی دی آواز سنتے ہی میں اپنی بیگم اور بچوں کے ساتھ دیوانہ وار باورچی خانے کی طرف بھاگے، ہم نے دیکھا کہ شازو بجلی کی سی تیزی سے باورچی خانے سے نکلی ۔ اس کے جسم پر موجود تمام کپڑوں میں آگ لگی ہوئی تھی اور وہ دیوانہ وار مدد کے لئے پکار رہی تھی۔ اتنا خوف ناک منظر دیکھ کر میرا دل ہی شق ہو گیا تھا۔ سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ کیا کروں ؟ میری بیگم دوڑتی ہوئی بیڈ شیڈ اٹھا لائیں پھر ہم نے اسے زبردستی پکڑا اور اس پر بیڈ شیٹ ڈال دی اس عمل سے آگ تو بجھ گئی مگر اس کی چیخوں سے زمین و آسمان کو ہلا دیا تھا۔ آوازیں سنتے ہی نیچے سے بڑے بھائی صاحب ، بھائی جان اماں اور بچوں سمیت سب آ گئے تھے۔
‘’ اوہ مائی گاڈ.... یہ سب کیسے ہو گیا....؟ ‘‘ بھائی صاحب نے آتے ہی خوف کی کیفیت میں کہا۔
‘’ بھائی جان بس بالکل اچانک .... اب.... اب کیا کریں ، کہیں یہ مر ہی نہ جائے۔’‘ میں نے خوف زدہ ہوتے ہوئے کہا۔
‘’ میں نے تمہیں پہلے ہی کہا تھا کہ اتنے چھوٹے بچوں کو کام پر نہیں لگاؤ اب دیکھ لیا نا اس کا انجام.... یہ تو سیدھا پولیس کیس ہے۔’‘ بھائی جان نے شازو کی چیخیں سنتے ہوئے کہا۔
‘’ ارے اسے اٹھاؤ فوراً اسپتال لے کر پہنچو....’‘ اماں جی نے ڈانٹتے ہوئے کہا۔
‘’ اماں جی یہ پولیس کیس ہے، اسپتال والے اس کے متعلق پوچھیں گے تو کیا کہیں گے؟....’‘ میں نے اس کی بگڑی ہوئی حالت دیکھتے ہوئے کہا۔
‘’ ارے تو کیا اسے مرنے دیں ، یہ بھی تمہارے بچوں کی طرح ہے۔ ناصر فوراً رکشہ یا ٹیکسی لے کر آنا....’‘ اماں کی بات سنتے ہی بھائی صاحب فوراً زینہ اترتے ہی نیچے کی طرف دوڑ گئے۔ ٹیکسی آتے ہی ہم نے شازو کو اس میں سوار کیا۔ اس وقت مجھ پر بے انتہا خوف سوار تھا اس لئے خود اسپتال نہ گیا بلکہ بھائی جان اور اماں اسے اسپتال لے کر روانہ ہو گئے۔ ان کے جاتے ہی میرے اوسان بحال ہوئے تو میرا خوف قدرے کم ہو گیا۔ اتنا خطرناک منظر کسی بھی ذی شعور انسان کے ہوش اڑا دینے کے لئے کافی تھا۔ بھائی صاحب شازو کے گھر بھی اس حادثے کی خبر پہنچا دی تھی۔ بس پھر کیا تھا اس کا پورا خاندان روتا پیٹتا چلا آیا۔ ذرا دیر بعد بھی بھائی جان کا اسپتال سے فون آیا۔ انہوں نے کہا کہ شازو کو کراچی سول اسپتال لے کر جانا پڑے گا تم اس کی دادی کو کچھ اور رقم لے کر اسپتال پہنچو۔ ایسے موقع پر میں اپنی جان چھڑوانا چاہ رہا تھا جبکہ مصیبت تھی کہ گلے آ رہی تھی۔ بہت مجبور تھا کیا کرتا، اسپتال پہنچنا بھی ضروری تھا اور نہ پہنچے بغیر بھی بات نہیں بن رہی تھی۔ اسپتال جاتے ہوئے تمام راستے شازو کی دادی اپنی بچی کی سلامتی کے لئے دعائیں مانگتی رہی۔ مگر جب بیڈ پر بے سدھ اور جلی ہوئی اپنی شازو کو اس نے دیکھا تو اس کے ضبط کے بندھن ٹوٹ گئے اور وہ زار و قطار روتے ہوئے اپنی پوتی کا ما تھا چومنے لگی۔ ایسے میں شازو بھی تکلیف کی وجہ سے آنسو بہائے جا رہی تھی۔ شازو کے دونوں ہاتھ اور چہرے معمولی سے زخمی ہوئی تھے۔ جبکہ اس کا پیٹ اور ٹانگیں جل گئی تھیں ۔ یہاں ڈاکٹروں نے اپنے طور پر اس کی مرہم پٹی کر دی تھی مگر اصل کام کراچی سول اسپتال میں ہونا تھا۔ اس حالت میں شازو کی دادی کو کراچی بھیجنا بہت ضروری تھا مگر وہ بوڑھی بیمار اور کم ہمت عورت تھی اس لیے اماں نے کہا کہ میں شازو کی ماں کو لے آؤ اس کے بچے کا ہم خیال کر لیں گے یہ رائے بالکل ٹھیک تھی۔ اسی لئے میں شازو کی ماں کو اسپتال لے آیا ۔ راستے بھر میں نے اسے اصل حقیقت نہیں بتائی تھی مگر جیسے ہی اس نے اپنی بچی کو مچلتے ہوئے دیکھا تو جیسے کہ وہ دیوانی ہو گئی۔ اماں نے کھینچ کر اپنے سینے سے لگایا، سر پر ہاتھ پھیرا، بہت سمجھایا اور پیار کرتے ہوئے بولیں ۔
‘’ نسرین صبر کر.... اﷲ نے خیر کی ہے، ابھی بھی کچھ نہیں بگڑا ہے، اﷲ پر بھروسا رکھ، اسے کچھ نہیں ہو گا۔’‘
‘’ مگر.... مگر یہ سب کیسے ہو گیا....؟’‘ اس نے بے قراری سے آنسو بہاتے ہوئے پوچھا۔
‘’ناشتہ بناتے ہوئے اس کے دوپٹے میں آگ لگ گئی تھی۔ نسرین تو لاکھ مجبور سہی مگر اسے باورچی خانے سے دور رکھتی ، ابھی اس کی عمر ہی کیا ہے۔ اسے کراچی لے جانا پڑے گا، تو ہمت کر ہم سب تیرے ساتھ ہیں ۔’‘ اماں نے سمجھانے پراسے صبر آ گیا تھا۔ اس وقت ہم سب ہی اﷲ کی رضا کے آگے مجبور تھے ۔
‘’ مگر میرا منا....’‘ نسرین بی بی نے فکر سے کہا۔
‘’تیری ماں وہاں رہ لے گی، سب کا اﷲ والی ہے بس تو چلنے کی تیاری کر....‘ ‘ ہماری اماں کے کہنے پر وہ کراچی جانے کے لئے تیار ہو گئی۔ پھر اماں نے ہم سب سے کہا۔
‘’ قصوروار ہم بھی ہیں ، فی الحال ہمیں اس کا ساتھ دینا ہو گا۔
‘’اماں تمہاری طبیعت ....’‘ بھائی جان نے فکر سے کہا۔
‘’ میں بیمار نہیں ہوں ، مگر اس حالت میں ہم اسے چھوڑ بھی نہیں سکتے، اگر اس بچی کو کچھ ہو گیا تو ہم اپنے اﷲ میاں کو کیا منہ دکھائیں گے۔ ہمیں اپنی اور اپنے بچوں کی جان کی تو خوب فکر ہے مگر اس معصوم اور بے سہارا کی مدد اور فکر کون کرے گا جو کہ ہماری غلطی سے اس حالت کو پہنچی ہے۔ اگر اس وقت ہم نے ذرا سی بھی کوتاہی کی تو خدا ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گا۔’‘ اماں کی باتوں میں سچائی تھی۔ اسی لیے ہم اماں کو نہ روک سکے اور پھر اماں شازو اور اس کی ماں کے ہمراہ کراچی چلی گئیں ۔ اسی رات شازو کے بھائی کی طبیعت بھی سنبھل گئی اور دوسرے دن ہی اس کی دادی اپنے پوتے کو اسپتال سے گھر لے آئیں ۔ کراچی پہنچتے ہی بھائی جان نے فون کر کے بتایا کہ شازو کو اسپتال میں داخل کر دیا ہے، ڈاکٹر کہہ رہے ہیں کہ اب خطرے کی کوئی بات نہیں ہے ۔ انہوں نے شازو کی مرہم پٹی کر دی ہے اور اس وقت وہ سو رہی ہے۔ کراچی میں ہماری خالہ جان کا بھی گھر ہے۔ رات ہماری اماں وہیں چلی جاتیں اور صبح اسپتال آ کر شازو کے قریب ہی رہتیں ، جب شازو کی تکلیف ذرا کم ہوئی تو بھائی جان حیدر آباد واپس چلے آئے یہاں آ کر انہوں نے بتایا کہ وہاں پولیس نے بہت پوچھ گچھ کی مگر نسرین نے انہیں یہی بتایا کہ یہ کھیلتے ہوئے چولھے پر گر گئی تھی ۔ بھائی جان کے بتانے پر میرے دل میں نسرین بی بی کی عزت و توقیر اور بڑھ گئی۔ تیسرے روز ہماری اماں بھی کراچی سے آ گئی تو میں شازو کی دادی کو کراچی لے گیا۔ اسپتال لے جاتے ہوئے ایک انجانا سا خوف میرے دل و دماغ پر ہتھوڑے برسا رہا تھا کیونکہ ان تمام واقعات میں ، میں خود کو گناہ گار سمجھ رہا تھا۔ شازو کو جھلسی ہوئی حالت میں بیڈ پر پڑے دیکھتے ہی مجھ پر خوف سوار ہو گیا۔ میں اندر ہی اندر بہت شرمندہ ہوا۔ شازو جاگی ہوئی تھی۔ تکلیف اس کے چہرے پر عیاں تھی، اس کے سر کے بال بھی کافی حد تک جھلسے ہوئے تھے، ہاتھوں ، منہ اور پیروں پر جگہ جگہ سفید رنگ کی ٹیوب لگی ہوئی تھی۔ مجھے دیکھتے ہی اس نے آہستہ سے کہا ۔
‘’ بھائی صاحب، میرا بھائی کیسا ہے؟’‘
‘’ٹھی.... ٹھیک .... بالکل ٹھیک ہے۔’‘ میں نے اٹکتے ہوئے کہا۔
‘’اب تم کیسی ہو....؟’‘ میرے پوچھنے پر اس نے آہستہ سے کہا۔
‘’اب ٹھیک ہوں آپ میرے بھائی کو بھی لے آتے ناں ....’‘ اس نے گویا ضد کی تو اس کی دادی نے اسے کچھ زبان میں نجانے کیا کہا۔ یقیناً یہ کہا تھا کہ تو خود گھر چل کر دیکھ لینا۔ میں ذرا دیر شازو کے پاس ہی بیڈ پر بیٹھ گیا اور سچے دل سے اس کی دلجوئی کرنے لگا۔ پھر میں نے ایک لفافہ اس کی ماں کے ہاتھ میں دبا دیا۔ اس میں ایک بڑی رقم تھی۔ واپسی پر میں نے شفقت سے اس کے سر پر ہاتھ پھیرا اور واپس جانے کے لئے دروازے تک آیا تو اس نے آواز دے کر مجھے پکارا۔
‘’ بھائی صاحب.... ‘‘ میں اس کی آواز سن کر پلٹا تو اس نے اپنا سیدھا ہاتھ اٹھاتے ہوئے اشارہ کرنے کے سے انداز میں کہا۔
‘’ آپ کا بٹوہ میرے بیڈ پر رہ گیا ہے، اسے اٹھا لیں ۔ ‘‘ بٹوہ اٹھاتے ہوئے میرا دل خوشی سے بھر گیا تھا ۔ میں نے کہا۔
‘’شکریہ بیٹا.... تم جلدی سے ٹھیک ہو کر گھر چلی آ ئی۔’‘ میں نے اسے پھر ایک بار محبت بھری نظروں سے دیکھا اور کورنگی اپنی خالہ کے گھر چلا آیا۔
اس واقعے کو آج تین سال ہو گئے ہیں ، مگر میں زندگی بھر اس لمحے کو نہیں بھلا سکتا۔ اگر وقتی طور پر اماں میرے اور میرے بھائیوں کی آنکھیں نہیں کھولتیں تو اس معصوم پیاری سی شازو کے ساتھ نجانے کیا ہوتا اور اگر اس بچی کو کچھ ہو جاتا تو میرا ضمیر مجھے کبھی بھی معاف نہیں کرتا مگر اماں کے ذرا سے حوصلے اور ہمت دینے نے میرے دل کی آنکھیں کھول دی تھیں ۔ آج بھی شازو ہمارے گھر میں کام کرتی ہے۔ مگر ایک گھریلو فرد کی حیثیت سے.... میں نے ان دونوں بہنوں کو شام کے اسکول میں داخلہ بھی کرا دیا ہے۔ اس روز نسرین بی بی اگر پولیس کو سچ کہہ دیتی تو میں جیتے جی ہی مر گیا ہوتا مگر اس غریب نے اتنا بڑا احسان کر دیا کہ جسے میں کبھی بھی نہیں اتار سکتا ۔ میں نسرین بی بی اور شازو کے احسان تلے دب کر رہ گیا ہوں ۔ اب میں ان کے لیے جو کچھ بھی کر رہا ہوں اپنے دل کو مطمئن کرنے کے لئے کر رہا ہوں ۔
٭٭٭
بعلبک کی تباہی
محمد عمران فاروقی
صیدون کا بادشاہ دربار میں بیٹھا تھا ۔ تمام وزیر و مشیر حاضر تھے کہ ایک غلام نے حاضر ہو کر عرض کی۔ ‘’اخی اب کا ایلچی آپ کی خدمت میں حاضر ہونے کی اجازت چاہتا ہے۔’‘
‘’حاضر ہو۔ ‘‘ بادشاہ نے کہا۔ تھوڑی دیر بعد ایلچی حاضر ہو کر آداب بجا لایا اور ایک خط بادشاہ سلامت کی خدمت میں پیش کیا۔
بادشاہ نے خطبہ پڑھا اور قریب بیٹھی شہزادی ازابیل کی طرف بڑھا دیا۔ شہزادی نے خط پڑھ لیا تو بادشاہ نے پوچھا کیا خیال ہے بیٹی؟ مجھے کوئی اعتراض نہیں لیکن میں چاہتی ہوں کہ جب میں شادی کر کے وہاں جاؤں تو محل میں جانے سے پہلے مندر جا کر بعل (جو کہ بنی اسرائیل اور اہل کنعان کا بت تھا)کے بت کو سجدہ کروں ۔’‘‘’اخی اب کو آپ کی تمام شرائط منظور ہیں شہزادی۔’‘ایلچی بولا۔ ٹھیک ہے جب بعل کا بت تعمیر ہو جائے تو اخی اب سے کہنا بارات لے کر آ جائے ۔ بادشاہ نے کہا اور ایلچی آداب بجا لا کر واپس پلٹ گیا۔
٭....٭
بعل کے دیوتا کے مندر کی تعمیر بڑے زور و شور سے ہو رہی ہے۔ شہر کا ہر چھوٹا بڑا بخوشی اس میں حصہ لے رہا ہے۔ اخی اب بذات خود تعمیری کام کی نگرانی کر رہا ہے۔ اس نے اپنے خزانے کا منہ کھول دیا ہے۔ رعایا بھی سونے چاندی نظر کر رہے ہیں ۔ کچھ لوگ البتہ ایسے بھی ہیں جو مندر کی تعمیر کو سخت ناپسند کرتے ہیں ۔ یہ لوگ حضرت موسیٰ کے جانشینوں میں سے ہیں ۔ انہوں نے پوری کوشش کی کہ لوگوں کو سمجھائیں کہ وہ ایک بڑی حماقت کا ارتکاب کر رہے ہیں لیکن ان کی بات کو اہمیت دینے والا کوئی نہ تھا۔ ایک دن بادشاہ کو اطلاع دی گئی کہ بعل کا دیوتا مکمل ہو چکا ہے تو اس کی خوشی کی انتہا نہیں رہی اور وہ فوراً اٹھ کر اسے دیکھنے چل پڑا۔ بعل کے دیوتا کے لئے عظیم الشان قربان گاہیں اور ہیکل بھی بنائے گئے تھے۔ یہ مندر اس قدر اہمیت حاصل کر گیا کہ بادشاہ نے شہر کا نام تبدیل کر کے بت کے نام پر ‘’بعلبک’‘ رکھ دیا۔ بادشاہ نے حکم دیا کہ ہیکل کو مقفل کر دیا جائے جب تک ہماری بیوی بعل کو سجدہ نہیں کرتی۔ اس کو عوام کے لئے نہیں کھولا جا سکتا۔
٭....٭
‘’بعلبک ‘‘شہر دلہن کی طرح سجا ہوا تھا ۔ جشن کا سماں تھا ۔ اہل شہر نے رنگ برنگ کپڑے زیب تن کر رکھے تھے۔ بعلبک کا بادشاہ اخی اب صیدونیوں کی شہزادی کو بیاہ کر لا رہا تھا۔ جونہی بادشاہ کی سواری بعل کے مندر کے سامنے رکی فضا نعروں سے گونج اٹھی۔ قفل توڑا گیا۔ جب شہزادی نے بعل کے خوبصورت سونے سے تیار شدہ بت کو دیکھا تو بے اختیار سجدہ میں گر پڑی اور اپنے شوہر کی سلامتی کی دعائیں مانگنے لگی۔ بادشاہ اور ملکہ کی دیکھا دیکھی عوام بھی بعل کے سامنے سر بسجود ہو گئے اور دعائیں مانگی جانے لگیں ۔ ایسے میں اچانک ایک شخص ظاہر ہوا اس نے ایک اونچے چبوترے پر کھڑے ہو کر چلا چلا کر کہنا شروع کیا کہ
‘’اے اہل بعلبک!! کیا تم شریعت موسوی کو بھول گئے؟ کیا تم سامری کو بھول گئے؟ اس نے بھی تو بعل جیسا سونے کا مجسمہ بنایا تھا پھر تم جانتے ہو موسیٰ نے اس کے اور اس کے ماننے والوں کے ساتھ کیا سلوک کیا تھا۔ اے اہل بعلبک....! کیا تم موسیٰ کی آخرت کی دعوت کو بھول گئے ہو؟ کیا تم پچھلی امتوں اور ان کے انجام.... ابھی وہ بزرگ اتنا ہی کہہ پائے تھے کہ اچانک مجمع میں ہلچل مچ گئی۔ بادشاہ کے سپاہیوں نے بزرگ کو زمین پر گرا کر مارنا شروع کر دیا ۔ بزرگ نے بچنا چاہا تو چررر.... کی آواز کے ساتھ ان کی قمیض پھٹتی چلی گئی۔ برچھیاں نکل آئیں اور ایک برچھی بزرگ کے دل کے مقام پر اندر گھستی چلی گئی۔ ایک کربناک چیخ برآمد ہوئی جو شیطانی قہقہوں میں دب کر رہ گئی اور بزرگ خدا کی وحدانیت کی شہادت دیتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔ یہ شریعت موسوی کے آخری توحید پرست بزرگ تھے۔
٭....٭
کئی سال بیت گئے ہر طرف کفر و شرک اور طاغوت و شیطانیت کے جھکڑ چلنے لگے۔ بعل دیوتا کے سب سے بڑے پجاری بروشوس کے کہنے پر دیوتا کو انسانی جانوں کی بھینٹ دی جانے لگی۔ ہر مہینے بعل دیوتا کی خوشنودی کے لئے رقص و سرور کی محافل منعقد کی جانے لگی۔ یکایک اﷲ تعالیٰ کی رحمت جوش میں آئی اور ‘’جلعاد’‘ کے علاقے سے ایک شخص نے نبوت کا دعویٰ کر دیا اور وہ کھلے عام بعل دیوتا کے خلاف تبلیغ کرنے لگا جسے سن کر کفر و شرک کے ایوانوں میں زلزلہ آ گیا۔ بادشاہ اخی اب اور کاہن بروشوس کو اپنے اقتدار کی موت نظر آنے لگی انہوں نے حکومتی اور مذہبی سطح پر آپ کا راستہ روکنے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہو سکے۔ یہ اﷲ کے بزرگ و برتر نبی حضرت الیاس تھے جن کو اﷲ نے نبوت دے کر بعلبک کی طرف روانہ کیا تھا ۔ تورات میں آپ کا نام ایلیاہ ہے۔
٭....٭
کیوں نہ الیاس سے کوئی معجزہ طلب کر لیا جائے۔ اخی اب نے بروشوس سے کہا اور اگر اس نے معجزہ دکھا دیا.... تو!! بروشوس نے خدشات کا اظہار کیا۔ پھر دیکھا جائے گا۔ جیسے آپ کی مرضی بروشوس بولا۔ ایک کھلے میدان میں بادشاہ کاہن اور شہر کے بہت سے لوگ جمع ہیں حضرت الیاس بھی وہاں موجود ہیں ۔ ایک بیل کو ذبح کر کے اس پر لکڑیاں رکھ دی گئیں تو بادشاہ نے آپ سے مخاطب ہو کر کہا کہ اگر آسمان سے آگ اتر کر اس بیل کو جلا دے تو ہم ایمان لے آئیں گے۔ ورنہ تمہیں سزا بھگتنی ہو گی۔ حضرت الیاس بارگاہِ الٰہی میں عرض کرنے لگے اے باری تعالیٰ یہ لوگ معجزہ مانگتے ہیں شاید ایمان لے آئیں اپنی رحمت سے آگ بھیج دے جوان لکڑیوں کو جلا دے ابھی دعا ختم بھی نہ ہونے پائے تھے کہ آسمان سے آگ ظاہر ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے بیل اور بکریاں جل کر راکھ ہو گئیں ۔ معجزہ دیکھ کر اخی اب ایمان لے آیا اور اقرار کرنے لگا کہ آپ اﷲ کے سچے رسول ہیں ۔ بادشاہ کو دیکھ کر بہت سے لوگ ایمان لے آئے۔ لیکن کاہن بروشوس نے بادشاہ اور لوگوں کو بہکانا شروع کر دیا کہ یہ معجزہ نہیں نظر بندی ہے اگرلیاس سچے نبی ہوتے تو اکثریت ان پر ایمان نہ لے آتی ان کے پیروکاروں کو انگلیوں پر گنا جا سکتا ہے۔ حضرت الیاس نے خبردار کیا۔ اے لوگو !میں اﷲ کا نبی ہی نہیں رسول بھی ہوں ویسا ہی جیساکہ نوح ، لوط اور موسیٰ تھے ۔یاد رکھو! اگر تم نے میرا انکار کیا تو ایک معینہ مدت کے بعد اﷲ تم پر عذاب کا کوڑا برسا دے گا۔ کیا ہود، لوط، نوح اور موسیٰ اور ابراہیم کے ماننے والوں کی تعداد زیادہ تھی؟ اس پر تم خود ہی غور کرو۔ اخی اب سے دوبارہ ملنے کا کہہ کر الیاس وہاں سے روانہ ہو گئے۔ جب بروشوس نے بات بگڑتی دیکھی تو فوراً شہزادی ازابیل کے پاس گیا اور کہنے لگا کہ بادشاہ سلامت (نعوذ باﷲ) ایک جادوگر سے متاثر ہو کر ایمان لے آئے ہیں اور بعل کے مندر کو توڑنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں لہٰذا اب آپ ہی کچھ کر سکتی ہیں ۔ جب بادشاہ محل میں داخل ہوا تو ملکہ نے کہا کہ یہ میں کیا سن رہی ہوں ۔ تم ایمان لے آئے ہو ۔ یاد رکھو اگر تم نے اپنا دین چھوڑا تو میں واپس صیدون چلی جاؤں گی۔ اور اپنے باپ سے کہہ کر تم پر لشکر کشی کروں گی۔ بادشاہ یہ سن کر بڑا پریشان ہوا۔ وہ کسی صورت بھی ملکہ کو چھوڑنا نہیں چاہتا تھا لہٰذا اس نے اعلان کرا دیا کہ میں نے (نعوذ با اﷲ) جذبات میں بہہ کر ایمان قبول کرنے کا اقرار کیا تھا لیکن اب میں جادو کے اثر سے نکل آیا ہوں ۔ لہٰذا بعل دیوتا کو اپنا رب تسلیم کرتا ہو ں ۔ یہ سن کر وہ لوگ بھی مرتد ہو گئے۔ جو کہ بادشاہ کے ساتھ ایمان قبول کر چکے تھے۔ حضرت الیاس لوگوں کی یہ حالت دیکھ کر بہت رنجیدہ ہوئے ۔ انہوں نے بادشاہ سے ملاقات کرنا چاہی مگر بروشوس نے ان کو محل کے قریب بھی پھٹکنے نہ دیا۔ حضرت الیاس لوگوں کو تبلیغ کرتے رہے مگر چند لوگوں کے علاوہ کوئی ایمان نہ لایا تو انہوں نے خبردار کیا کہ اب پانی کا ایک قطرہ بھی نہ برسا کرے گا۔ تمہاری کھیتیاں خشک ہو جائیں گی اور تم سخت عذاب میں مبتلا ہو جا ؤ گے مگر لوگوں نے ان کو جھٹلا دیا اور آخر کار وہ اﷲ کے حکم سے اپنے ماننے والوں کو لے کر اس بستی بعلبک سے نکل آئے اور دوسرے ہی لمحہ اﷲ کا عذاب قہر بن کر ٹوٹا ۔ ساری بستی نیست و نابود ہو گئی ۔ہر طرف گردو غبار چھا گئی ۔ آسمان سے مٹی کے بڑے بڑے تودے گرنے لگے۔ چیخ و پکار آہ و بکا مچ گئی۔ آواز اس قدر شدید تھی کہ کان پڑی آواز سنائی نہ دیتی تھی جو لوگ گھروں میں تھے باہر نہ نکل سکے اور باہر والے اندر نہ جا سکے۔ چند لمحوں بعد ہی صرف ‘’بعلبک’‘ کے کھنڈرات اپنی بے بسی پر ماتم کرتے نظر آنے لگے آج بھی یہ کھنڈرات اﷲ کے عذاب کی منہ بولتی تصویر ہیں ۔
(ماخذ : قرآن مجید، قصص القرآن، تدبر القرآن ، از امین احسن اصلاحی)
٭٭٭
ہم اور ہمارے بھائی
فائزہ حقی
اتوار قریب تھا اور ہم رہے گھومنے پھرنے کے شوقین جبکہ ابا میاں اپنے دورے پر شہر سے باہر تشریف لے گئے تھے لہٰذا ہم نے اپنے پورے اودبلا ؤ کے ہجوم یعنی اپنے دوستوں کے کانوں میں پھونک دیا کہ سیر و تفریح کے لیے چلا جائے اور یوں زندگی میں پہلی دفعہ ہم تمام بارہ دوست ایک بات پر متفق ہو گئے اور تمام لوگوں کو تو کوئی پریشانی نہ تھی مگر ہم دو ہفتے پہلے ہی امی سے دو سو روپے لے چکے تھے۔ ہم نے اپنی اس مشکل سے دوستوں کو آگاہ کیا۔ راشد نے مشورہ دیا کہ ‘’ تم اپنے دادا ابو سے بات کرو’‘ مگر ہم نے کہا کہ ‘’وہ تو خود امی سے مانگتے ہیں ۔’‘ شہاب نے خاصی دیر تک سوچنے کے بعد کہا۔
‘’یار وہ تمہارے فرخ کب کام آئیں گے۔ ان کو تو آنٹی بہت پیار کرتی ہیں لہٰذ ان کی بات وہ کبھی نہیں ٹالیں گی۔’‘ شہاب ہمارا لنگوٹیا یار تھا لہٰذا وہ ہمارے گھر کی تمام کمزوریوں اور خوبیوں سے واقف تھا۔ اتنی زبردست ترکیب سن کر ہم اپنی کلاس کی بنچ پر سے اچھل پڑے اور قریب تھا کہ کمرہ جماعت کی چھت سے معانقہ کر آتے ہمارے دوستوں نے ہمارے خطرناک ارادے کو بھانپتے ہوئے ہماری ٹانگوں پر قبضہ جما لیا اور ہمیں واپس اوقات میں لے آئے۔ ہم گھنٹی کی آواز سن کر شہاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سب کو فرشی سلام کرتے ہوئے F-16کی طرح گھر روانہ ہوئے۔ آدھے راستے پر یاد آیا کہ ہم اپنی گیس یعنی سائیکل تو اسکول میں ہی بھول آئے ہیں لہٰذا واپس گئے اور اپنی جدید ماڈل کی کھٹارا پر شاہی سواری اپنے محل میں وارد ہوئی۔
گھر پہنچتے ہی سائیکل کو باغ میں چھوڑا اور خود اپنے بھائی کے کمرے کی راہ لی۔ بدقسمتی سے ہم یعنی کاشف اور فرخ دونوں کہنے کو تو جڑواں ہیں لیکن بہرحال ہم اپنے آپ کو فرخ کا ایکسرے کہتے ہوئے بھی شرمندگی محسوس کرتے ہیں ۔ ایک دفعہ فرخ نے بڑے مسکراتے ہوئے ہم سے کہا تھا کہ تمہیں دیکھ کر لوگ یہی کہتے ہوں گے کہ پاکستان میں قحط پڑ گیا ہے۔’‘ تو ہم نے فوراً جواب دیا ۔
‘’ اور تمہیں دیکھ کر وجہ بھی پتہ چل جاتی ہو گی۔’‘ یعنی ہم دونوں میں اتنا اختلاف ہے جتنا چیونٹی اور ہاتھی میں اور امی فرخ کو ان کی جسامت ہی کی وجہ سے زیادہ پسند کرتی ہیں ۔ ہمارے بھیا جی کے کمرے کا دروازہ بھی ان کی جسامت کے حساب سے نوشیرواں عادل کے محل کے صدر دروازے جیسا ہے جس میں سے فرخ اٹک اور پھنس کر ڈانس کرتے ہوئے برآمد ہوتے ہیں لہٰذا جب ہم کمرے میں داخل ہوئے تو حسب معمول فرخ پرلی دیوار کے ساتھ لگے ہوئے جہازی سائز بستر پر بھرے ہوئے بیٹھے تھے اور ان کی گود میں ایک پلیٹ تھی جس میں تین برگرز رکھے ہوئے تھے۔ چوتھا ان کے ہاتھ میں تھا جس میں سے تقریباً آدھا ان کے منہ کے اندر اور باہر موجود تھا۔ ابلتی ہوئی آنکھوں سے وہ اسے ہضم کرنے میں کوشاں تھے۔ ہم بڑے لاڈ سے فرخ کے پاس جا کر کھڑے ہو گئے۔ ہم نے کہا ‘’یار فرخ آپ ایک کام کر دیں ۔’‘ فرخ نے بھاڑ سا منہ کھولتے ہوئے کہا۔ ‘’ کیا؟’‘ اور ہم نے اپنے منہ پر ہاتھ رکھ کر اپنے اندر کی چیزوں کو باہر آنے سے روکا جو فرخ کے منہ میں مچلتے برگر کو دیکھ کر خود بھی باہر آنے کو مچل رہی تھیں ۔ ہمارے کہنے سے قبل ہی فرخ نے منہ بند کر لیا اور برگر جلدی جلدی سٹکنے لگے۔ جب بس نہ چلا تو منہ سے نکال کر پلیٹ میں رکھ دیا۔ ہم نے فوراً اپنی آنکھوں پر ہاتھ رکھ لیا۔ فرخ نے ہمارے ناتواں کندھوں پر ہاتھ رکھتے ہوئے پوچھا۔ ‘’ کیا بات ہے کاشف؟’‘ ہم نے بڑی مشکل سے ان کو پورا ماجرا سنایا۔ فرخ نے اپنا ناریل ہلاتے ہوئے کہا۔
‘’ ہم آپ کا کام کر دیں گے لیکن آپ کو ہمارا کام کرنا پڑے گا۔’‘ ہم نے بے تاب ہو کر کہا۔
‘’ضرور ضرور مگر وہ کیا کام ہے؟’‘ فرخ نے کہا ۔
‘’ آپ کو ہمیں باغ میں موجود تمام جھولے جھلانے ہوں گے۔’‘ ہم نے فوراً رضا مندی دکھا دی اور فرخ برگرز کو حسر ت بھری نگاہ سے تکتے ہوئے باہر بڑھنے لگے۔ مگر دروازے تک پہنچ کر اٹک گئے۔ اتنی قلابازیاں لگائیں باہر نکلنے کے لیے لیکن سب بے سود۔ حالانکہ ابو جی نے ان کی صحت کو دیکھتے ہوئے لال قلعے کا دروازہ ان کے کمرے میں لگوایا تھا۔ مگر کیا کیا جائے فرخ کا زمین کے مخالف پانچ فٹ چار انچ بڑھ کر مستقل زمین کے متوازی بڑھ رہے تھے۔ خیر دھکم پیل کر کے ان کو باہر نکالا اور ایک لالچی نگاہ پلیٹ میں رکھے برگرز پر ڈالنی چاہی مگر پلیٹ میں رکھا برگر کا کچومر دیکھ کر مجبوراً باہر آنا پڑا۔
تھوڑی ہی دیر بعد فرخ ہنستے مسکراتے ہاتھ میں دو سو روپے کے نوٹ پکڑے امی کے کمرے سے نمودار ہوئے اور تقریباً پندرہ منٹ تک دروازے سے الجھ کر ہمارے پاس آئے اور فخریہ انداز میں نوٹ ہمیں پکڑا دیئے۔ ہم نے ہُرا کا نعرہ لگایا اور باہر کی سمت بھاگے مگر محسوس ہوا کہ ہماری پینٹ کا واحد سہارا گیلس دو مہربان ہاتھوں کی گرفت میں ہے اور یہ مہربان ہاتھ ہمارے مہربان بھائی فرخ کے تھے۔ وہ مسکراتے ہوئے بولے۔ ‘’بھائی کاشف.... ہمارا والا کام؟’‘ ہم فوراً پلٹے۔
‘’او ہاں .... کیوں نہیں آئیے ابھی چلیں ۔’‘ ہم دونوں باغ کی طرف روانہ ہو گئے۔
خراماں خراماں اس کرم خوردہ باغ میں پہنچے جہاں اس وقت باوا آدم کے زمانے کے تین جھولے اپنی بہار دکھا رہے تھے۔ ایک تو ‘’سی سا’‘ تھا۔ دوسرا گول گول گھومنے والا اور تیسرا ہنڈولے والا ۔’’ سی سا’‘ کے قریب بچوں کا زیادہ ہجوم تھا۔ فرخ نے پہلے سی سا میں جھولنے کا فیصلہ کیا اور اس جھولے کی طرف بڑھ گئے۔ جھوم جھوم کے بچوں کو کچھ کہنے کی ضرورت نہ پڑی۔ وہ فرخ کو دیکھ کر خود ہی ہٹ گئے۔ ہم نے شاہانہ انداز میں اپنی ہڈی پسلی اکڑائی۔
‘’ پہلے ہم بیٹھیں گے۔’‘ فرخ بھائی نے ناریل تسلیم خم کیا۔ ہم سی سا کے ایک طرف بیٹھ گئے۔ پھر انداز بے نیازی سے ایک ہاتھ اٹھا کر کہا ۔ ‘’اب آپ بیٹھیں ۔’‘ فرخ بے تابی سے آگے بڑھے اور .... ہمیں ایسا محسوس ہوا کہ جیسے ہم غلطی سے کسی راکٹ میں بیٹھ گئے ہیں اور راکٹ بغیر گنتی کے اوپر اٹھ گیا ہے جب آنکھیں کھولیں تو دیکھا کہ ہم فضا میں پہنچے ہوئے ہیں ۔ ہم نے ٹانگیں چلاتے ہوئے چیخ کر فرخ سے نیچے اترنے کو کہا۔ وہ بجلی کی تیزی سے نیچے اترے اور ہم.... سیکنڈ کے ہزارویں حصے میں آسمان سے زمین تک پہنچ چکے تھے۔ صحیح معنوں میں سی سا کا مزا آ گیا تھا۔ ابھی ہم زمین بوس ہوئے ہی تھے کہ فرخ نے ہاتھ پکڑ کر ہمیں اٹھا یا تو ہمیں اپنے جینے کا یقین آیا۔ فرخ کی طرف غصیلی نظروں سے دیکھتے ہوئے ہم اپنی ہڈیاں گننے لگے کہ کہیں ان میں اضافہ تو نہیں ہو گیا۔ اتنے میں فرخ بولے ۔
‘’ بھئی یہ جھولا تو اچھا نہیں ہے چلو دوسرا چل کر جھولیں ۔’‘
ہم نے کراہ کر کہا ‘’مگر آپ اکیلے بیٹھیں گے اور ہم صرف تماشا دیکھیں گے۔’‘ یہ کہتے ہوئے ہم گول گول گھومنے والے جھولے کی طرف بڑھے وہاں سے بھی بچہ پارٹی ہم لوگوں کو دیکھ کر ہوا ہو گئی۔ فرخ جاتے ہی جھولے کے ایک ڈولے میں بیٹھ گئے۔ جھولے والے نے اس ڈولے کو دھکیلنا چاہا مگر وہ بھی ہماری طرح کانگڑی پہلوان تھا۔ زور لگانے سے اس کی تمام ہڈیاں اتنی باہر نکلتیں کہ ہمیں ڈر لگنے لگتا کہ اب یہ کھال پھاڑ کر باہر آ موجود ہوں گی لہٰذا ہم نے بھی زور لگانا شروع کر دیا۔ ڈولا ایک زناٹے سے اوپر اٹھا اور دوسرا ڈولا ہم دونوں کو اٹھانے کے لئے ہماری طرف بڑھا۔ مگر خدا بھلا کرے جھولے والے کا کہ جس نے ہمیں مہلت ہی نہ دی کہ ہم بغیر سر کے کھڑے سوچتے رہ جاتے۔ اس نے فوراً ہمیں کھینچ لیا۔ ورنہ دوسرا ڈولا کم از کم ہمارے سر کو تو جھولا ضرور جھلاتا۔ ہوش آنے کے بعد ہم نے دیکھا کہ فرخ کا ڈولا سب سے اونچائی پر پہنچا ہوا تھا اور وہ خوب اچھل کود کر رہے تھے۔ وہیں سے مکے لہرا لہرا کر جھولے والے کو دھمکا رہے تھے۔ قبل اس کے کہ ہم ان کو منع کرتے۔ اس خستہ حال جھولے کا صبر جواب دے گیا۔ اور وہ ایک زبردست گڑگڑاہٹ کے ساتھ بیٹھتا چلا گیا۔ لہٰذا فرخ بھائی بغیر کسی زحمت کے براہ راست نیچے آ گئے۔ ہم نے کن اکھیوں سے جھولے والے کو دیکھا تو وہ منہ کھولے ہونق بنا فرخ کو دیکھ رہا تھا جو جھولے کے ملبے میں سے ہنستے مسکراتے نکل کر آ رہے تھے اور جب اس نے محسوس کیا کہ مکھیوں نے بلا ٹکٹ منہ میں آنا جانا کر رکھا ہے تو اس نے منہ بند کر لیا اور حلقوں سے باہر نکلی ہوئی خوفزدہ آنکھوں سے فرخ کو گھورنے لگا۔ ہم نے جھولے والے کو خوب صلواتیں سنائیں کہ بچوں کے لئے اتنا خستہ حال جھولا لاتے ہو۔ ہم نے وہ بیس روپے جو گزشتہ سو روپوں سے بچے تھے۔ اس کی حالت زار پر رحم کھاتے ہوئے پکڑا دیئے۔ اتنے میں فرخ جھومتے جھامتے آئے اور ہمارا ہاتھ پکڑ کر ہنڈولے والے جھولے کی طرف بڑھ گئے۔ ہنڈولے والے جھولے کا جھولے والا بھی بہت پہلوان آدمی تھا مگر فرخ سے پھر بھی کم ہی تھا۔بہرحال فرخ جاتے ہی جھولے میں بھر گئے۔ (ان کی جسامت اور جھولے کے سائز کو دیکھتے ہوئے بیٹھنے کے بجائے بھرتا ہی کہا جائے تو مناسب ہو گا) بہرحال جھولے والے نے جھولے کو دھکا دیا ۔ جھولا بڑھتا چلا گیا اور اوپر اور اوپر.... یہاں تک کہ جھولے کا اسٹینڈ وہیں کھڑا رہ گیا اور جھولا فرخ بھائی سمیت فلائنگ ساسر کی طرح اڑتا ہوا دور جا گرا۔ جھولے کی حالت زار دیکھ کر ہمیں یقین ہو گیا کہ فرخ کا قل پڑھ لینا چاہیے لیکن .... وہ حسب معمول اس ملبے سے بھی ہنستے مسکراتے نکلے۔ ان کو دیکھتے ہی ہمیں ہوش آیا اور ہم چیخے ‘’فرخ بھاگ’‘ ہمارے ناگہانی جملے کے ساتھ ہی فرخ نے حواس باختہ ہو کر دوڑ لگا دی۔ ہم نے بھی عالمی ریکارڈ توڑنے کی کوشش کی۔ مگر کچھ دور جا کر محسوس ہوا کہ ہماری گیلس پھر دو ہاتھوں میں ہے مگر وہ ہاتھ مہربان نہیں تھے کیونکہ وہ ہاتھ فرخ کے نہیں بلکہ لال لال آنکھوں والے پہلوان بھائی کے تھے۔ لہٰذا ہم نے گیلس کو اتارنا ہی مناسب سمجھا۔ مگر اب ہماری قمیض ان ہاتھوں میں تھی۔ قمیض کے ساتھ بھی گیلس والا سلوک کیا۔ مگر اب کیا کیا جائے کہ اگر گردن ہی ان ہاتھوں میں چلی جائے۔ بہت ترکیبیں سوچیں ، گردن اتارنے کی مگر کیا کیا جائے۔ خاموش کھڑے اپنی شرٹ کی اس جیب کو گھورنے لگے۔ جس میں ہمارا سرمایہ حیات یعنی 200 روپے تھے۔ یکدم پہلوان کی قینچی کی طرح چلتی ہوئی زبان کو بریک لگ گئے۔ یقیناً وہ ہماری نظریں تاڑ گئے تھے لہٰذا فوراً قمیص کی تلاشی لے کر پیسے برآمد کر لیے اور ہماری قمیص اور گیلس ہمیں تھما کر ہمیں گھورنے لگا۔ ہم اس کا مطلب سمجھ گئے اور گردن جھکا کر گھر کی طرف روانہ ہو گئے ۔ ہمیں کچھ خیال نہ تھا کہ ہمارے آگے پیچھے بچے تالیاں بجاتے بھاگ رہے ہیں اور لوگ ہمیں دیکھ دیکھ کر ہنسی ضبط کر رہے ہیں اور خواتین ہمیں دیکھ دیکھ کر اپنے پورے پورے دوپٹے اپنی ہنسی روکنے کے لیے منہ میں گھسا رہی ہیں بلکہ ہم تو اس وقت یہ سوچ رہے تھے کہ فرخ صاحب اس وقت امی کی گود میں لیٹے کیا کیا سنا رہے ہوں گے اور گھر میں ہماری کس چیز سے خاطر تواضع ہو گی اور کل بروز اتوار جب تمام دوست جانے کے لئے جمع ہوں گے تو ہم کیا بہانہ کریں گے؟ کوئی حل ہے آپ کے پاس؟
٭٭٭
راجو نہیں مرے گا
محمد عادل منہاج
میز پر ناشتہ لگ چکا تھا۔فہد اپنی امی کے ساتھ بیٹھا تھا۔اس کے والد ابراہیم شاہ ہاتھ میں بریف کیس پکڑے سیڑھیاں اترتے ہوئے آ رہے تھے۔نیچے اتر کر انھوں نے بریف کیس صوفے پر رکھا اور ناشتے کی میز کی طرف بڑھے۔’’آج آپ نے بھی دیر کر دی۔’‘بیگم ابراہیم نے کہا۔
‘’ہاں ۔ایک فائل دیکھ رہا تھا اور بھئی فہد آج تم خلاف معمول بہت چپ ہو۔’‘وہ پیالی کھسکاتے ہوئے بولے۔
‘’اسے اپنے دوست کی فکر لگی ہوئی ہے۔’‘بیگم ابراہیم منہ بنا کر بولیں ۔
‘’’کیا مطلب! کیا ہوا تمہارے دوست کو؟’‘ انہوں نے چونک کر پوچھا۔
‘’اس کی طبیعت بہت خراب ہے ابو اور پتہ ہے ڈاکٹر نے کیا کہا ہے؟’‘وہ اداس آواز میں بولا۔
‘’کیا کہا ہے؟’‘انہوں نے حیران ہو کر پوچھا۔
‘’’وہ زہریلا پانی پینے سے بیمار ہوا ہے۔’‘فہد نے بتایا۔
‘’زہریلا پانی !’‘ابراہیم شاہ نہ جانے کیوں چونک اٹھے۔
‘’ہاں ابو۔وہ کریم نگر میں رہتا ہے جہاں سے ندی گذرتی ہے۔وہاں کے لوگ جب پانی نہیں آتا تو ندی کا پانی ہی استعمال کرتے ہیں اور اس ندی میں ایک کارخانے کا فضلہ گرتا ہے جس کی وجہ سے پانی زہریلا ہو گیا ہے۔’‘فہد نظریں نیچی کیے ہوئے بولا اور ابراہیم شاہ کے ذہن میں آندھیاں سی چلنے لگیں ۔ان کی نظروں کے سامنے سے ایک ایک کر کے کئی پردے ہٹتے چلے گئے اور وہ بہت پیچھے اس زمانے میں پہنچ گئے جب ایک دن اسی طرح وہ بھی اسی میز پر خاموش اور اداس بیٹھے تھے کیونکہ ان کا دوست راجو بہت بیمار تھا۔
٭....٭
‘’راحیل۔آج راجو کیوں نہیں آیا؟’‘ابراہیم نے اسکول کے گراؤنڈ میں ٹہلتے ہوئے راحیل سے پوچھا جو راجو کے پڑوس میں رہتا تھا۔
‘’’وہ تو بہت بیمار ہے۔’‘راحیل نے بتایا۔
‘’بیمار ! کیا ہوا اسے؟’‘ابراہیم نے چونک کر پوچھا۔
‘’پتہ نہیں ،کل اسے بہت الٹیاں آئی تھیں ۔اس کے ابو نے اسے ہسپتال میں داخل کروا دیا ہے۔’‘
‘’اچھا تو راجو ہسپتال میں ہے۔’‘
‘’ہاں ،میں تو آج اسے دیکھنے جاؤں گا۔’‘ راحیل نے کہا۔
‘’میں بھی تمہارے ساتھ چلوں گا۔تم میرے گھر آ جانا۔وہیں سے چلیں گے۔’‘ابراہیم نے کہا۔
‘’ٹھیک ہے۔’‘
٭....٭
شام کو وہ دونوں ہسپتال گئے۔راجو بستر پر پڑا سورہا تھا۔وہ بہت کمزور نظر آ رہا تھا۔اس کے والد کافی پریشان نظر آ رہے تھے۔
‘’ڈاکٹر صاحب!راجو کو کیا ہوا ہے؟’‘ابراہیم نے پوچھا۔
‘’بیٹا یہ زہریلا پانی پینے سے بیمار ہو گیا ہے۔’‘ ڈاکٹر نے بتایا۔
‘’زہریلا پانی !’‘ابراہیم نے حیرت سے کہا۔
‘’ہاں بیٹا۔تمہیں تو پتہ ہے ہمارے علاقے میں کئی کئی دن پانی نہیں آتا۔مجبوراً پھر ندی کا پانی استعمال کرنا پڑتا ہے اور ڈاکٹر صاحب بتا رہے ہیں کہ اس ندی کا پانی زہریلا ہو گیا ہے۔’‘راجو کے والد نے بتایا۔
‘’مگر وہ کیسے ڈاکٹر صاحب؟’‘راحیل نے پوچھا۔
‘’دراصل اس ندی سے ذرا فاصلے پر ایک بہت بڑا کارخانہ ہے اور اس کارخانے سے نکلنے والا گندہ پانی اور فضلہ اس ندی میں گرا دیا جاتا ہے۔جس کی وجہ سے صاف شفاف ندی کا پانی زہریلا ہوتا جا رہا ہے۔’‘ ڈاکٹر صاحب نے بتایا۔
‘’ان کو کوئی منع نہیں کرتا۔’‘ابراہیم نے حیرت سے پوچھا۔
‘’ہمارے ہاں ایسی باتوں کی کوئی پروا ہی نہیں کرتا۔دراصل ہم لوگوں نے برائی کے خلاف آواز اٹھانا چھوڑ دیا ہے اور دوسروں کا احساس کرنا تو ہم نے سیکھا ہی نہیں ۔حالانکہ اگر کارخانے والے چاہیں تو ذرا سا خرچہ کر کے ایک ٹریٹمنٹ پلانٹ لگا دیں تو پانی زہریلا نہیں ہو گا۔’‘
‘’ٹریٹمنٹ پلانٹ کیا ہوتا ہے؟’‘ابراہیم نے الجھن کے عالم میں کہا۔
‘’ٹریٹمنٹ پلانٹ کارخانے سے نکلنے والے فضلے میں سے زہریلے مواد کو الگ کر دیتا ہے اور پھر اگر فضلہ ندی میں گرا بھی دیا جائے تو پانی زہریلا نہیں ہو گا۔’‘
‘’ہونہہ۔مگر یہ لوگ ایسا کیوں کریں گے؟ان کی بلا سے لوگ مرتے ہیں تو مرتے رہیں ۔’‘راجو کے والد تلخ لہجے میں بولے۔
‘’ویسے یہ کارخانہ ہے کون سا؟’‘راحیل نے پوچھا۔
‘’سن رائیز لمیٹڈ۔خیر تم چھوڑو ان باتوں کو۔بچو بس تم دعا کرو کہ تمہارا دوست جلدی اچھا ہو جائے۔’‘راجو کے والد بھرائی ہوئی آواز میں بولے۔
٭....٭
‘’خیر تو ہے بھئی۔آج ابراہیم بہت چپ چپ ہے۔’‘ابراہیم کے والد مکرم شاہ بولے۔
‘’اسے اپنے دوست کا غم کھائے جا رہا ہے۔’‘ بیگم شاہ منہ بنا کر بولیں ۔
‘’کیوں ؟ کیا ہوا اس کے دوست کو؟’‘انہوں نے پوچھا۔
‘’وہ بہت بیمار ہے ابو اور پتہ ہے ڈاکٹر نے کیا کہا ہے۔’‘ابراہیم اداس آواز میں بولا۔
‘’کیا کہا ہے؟’‘مکرم شاہ تو منہ میں ڈالتے ہوئے بولے۔
‘’ڈاکٹر صاحب بتا رہے تھے کہ وہ زہریلا پانی پینے سے بیمار ہوا ہے۔’‘اس نے بتایا۔
‘’زہریلا پانی پینے سے....’‘مکرم شاہ حیرت سے بولے۔
‘’ہاں ۔وہ لوگ کریم نگر میں رہتے ہیں ۔وہاں کئی کئی دن پانی نہیں آتا تو لوگ ندی کا پانی استعمال کرتے ہیں اور ندی کا پانی زہریلا ہو گیا ہے۔’‘
‘’مگر ندی کا پانی زہریلا کس طرح ہو گیا؟’‘بیگم شاہ نے پوچھا۔
‘’دراصل اس ندی میں ایک کارخانے سن رائز لمیٹڈ کا فضلہ گرتا ہے جس کی وجہ سے پانی زہریلا ہو گیا ہے۔’‘
‘’ارے۔! وہ کارخانہ تو ہمارا ہے۔’‘بیگم شاہ چونک کر بولیں ۔
‘’ہاں ہاں ۔بھئی اب کارخانے کا فضلہ تو ندی میں ہی گرایا جا سکتا ہے ناں !!’‘مکرم شاہ جلدی سے بولے اور چائے کا گھونٹ لیا۔
‘’ابو!ڈاکٹر صاحب بتا رہے تھے کہ اگر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگوا لیا جائے تو پھر پانی زہریلا نہیں ہو گا۔’‘ابراہیم نے کہا۔
‘’کیا مطلب ہے تمہارا؟ یہ الٹی سیدھی باتیں تم کہاں سے سیکھ کر آتے ہو ۔ہنہ۔ٹریٹمنٹ پلانٹ لگوا لیں ۔’‘وہ منہ بنا کر بولے۔
‘’مگر بات تو صحیح ہے۔اس طرح تو لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔’‘بیگم شاہ بولیں ۔
‘’کیسی باتیں کرتی ہو بیگم۔جانتی ہو پلانٹ لگوانے اور پھر چلانے میں کتنا خرچہ ہو گا۔اور وہ بھی خوامخواہ کا۔بھلا اس سے ہمیں کیا ملے گا۔’‘
‘’بہت سے لوگ بیمار ہونے سے بچ جائیں گے۔’‘بیگم شاہ نے کہا۔
‘’کیا سارے لوگ ہمارے اس کارخانے کی وجہ سے بیمار ہو رہے ہیں اور مر رہے ہیں ۔کتنے لوگوں کا ایکسیڈنٹ ہو جاتا ہے ۔کتنے جعلی دواؤں سے مر جاتے ہیں ۔کتنے ہی لوگ ملاوٹ شدہ غذا کھانے سے مر جاتے ہیں ۔کوئی ہے انہیں پوچھنے والا....!!پھر ہمیں کیا پڑی ہے خواہ مخواہ لوگوں کی فکر کریں ۔یہاں لوگوں کو خود اپنا خیال نہیں ۔یہ لوگ خود بھی تو اپنے گھروں کا کوڑا کرکٹ ندی نالوں میں پھینک دیتے ہیں ۔’‘وہ سخت لہجے میں بولتے چلے گئے۔
‘’ہاں ۔ یہ تو ہے ۔’‘بیگم شاہ نے ایک آہ بھری۔
٭....٭
‘’یہ ابراہیم کہاں ہے؟’‘مکرم شاہ نے رات کے کھانے پر پوچھا۔
‘’اپنے کمرے میں رو رہا ہے۔’‘بیگم شاہ نے جواب دیا۔
‘’رو رہا ہے ۔مگر کیوں ؟’‘انہوں نے حیرت سے پوچھا۔
‘’اس کا دوست راجو مر گیا ہے۔’‘
‘’راجو مر گیا ہے۔!’‘مکرم شاہ کے منہ سے نکلا اور وہ نظریں چرا گئے۔
کئی دنوں تک ابراہیم چپ چپ رہا اور راجو کو یاد کرتا رہا۔مگر وقت سب کچھ بھلا دیتا ہے۔ہر زخم پر مرہم رکھ دیتا ہے۔ابراہیم کی زندگی بھی بالآخر ایک ڈگر پر آ گئی۔کبھی کبھی اس کو راجو یاد آ جاتا اور پھر دوبارہ دھند میں کہیں کھو جاتا۔ کچھ عرصے بعد مکرم شاہ نے اسے اعلیٰ تعلیم کے لیے باہر بھجوا دیا اور پڑھائی میں لگ کر وہ سب کچھ بھول گیا۔ بس صبح شام کتابیں ہوتیں اور وہ ہوتا۔امتحان میں اعلیٰ پوزیشن لینے کا بھوت ہر وقت اس پر سوار رہتا اور پھر اس نے واقعی اپنا ہر امتحان نمایاں پوزیشنوں کے ساتھ پاس کیا اور اپنے والد کا تمام کاروبار سنبھال لیا۔
٭....٭
‘’کیا ہوا ؟کیا سوچنے لگ گئے؟’‘بیگم ابراہیم نے پوچھا۔
‘’ہیں ....!کچھ نہیں ۔میں سوچ رہا تھا کہ وہ کارخانہ تو ہمارا ہے۔’‘وہ چونک کر بولے۔
‘’ہاں تو اس سے کیا ہوتا ہے۔اب کارخانے کا فضلہ ندی میں نہیں جائے گا تو اور کہاں جائے گا۔یہ فہد تو یونہی پریشان ہو جاتا ہے۔’‘بیگم ابراہیم بولیں ۔
‘’ابو....’‘فہد نے ڈرتے ڈرتے کہنا شروع کیا۔ ‘’ڈاکٹر صاحب نے بتایا تھا کہ اگر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگوا لیا جائے تو پھر ندی کا پانی زہریلا نہیں ہو گا۔’‘
‘’فہد اپنے ابو کو پریشان مت کرو۔جلدی جلدی ناشتہ کرو اور اسکول جاؤ۔’‘بیگم ابراہیم بولیں ۔
‘’کیا نام ہے تمہارے دوست کا؟’‘ابراہیم شاہ نے پوچھا۔
‘’راجو....’‘فہد نے بتایا۔
‘’راجو....’‘وہ چونک کر کھڑے ہو گئے۔ ‘’راجو....تمہیں تو میں بھول ہی گیا تھا۔اف خدایا! مجھ سے کتنی بڑی بھول ہوئی ہے۔میں بھی زیادہ کمانے کے چکر میں اسی ظالمانہ نظام کو جاری رکھے ہوئے تھا۔’‘
‘’یہ آپ کیا کہہ رہے ہیں ۔کیوں خواہ مخواہ پریشان ہو رہے ہیں ۔’‘بیگم ابراہیم بولیں ۔
‘’نہیں بیگم....مجھ سے واقعی بھول ہوئی ہے ۔فہد بیٹے تمہارا شکریہ۔تم نے مجھے یاد دلا دیا۔ایک دن میرا دوست بھی مجھ سے اس زہریلے پانی کی وجہ سے بچھڑ گیا تھا۔ مگر....مگر....اب ایسا نہیں ہو گا۔اب ندی میں زہریلا مواد نہیں گرے گا....اب کوئی راجو نہیں مرے گا....ہاں فہد.... راجو زندہ رہے گا....’‘
اور فہد کے چہرے پر خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی۔اس نے وہ کام کر دکھایا تھا جو اس کے والد نہ کر سکے تھے۔ بہت سے راجو مرنے سے بچ گئے تھے۔
٭٭٭
ماخذ:
http://bazmesathi.org/kahani_1.php
http://bazmesathi.org/kahani_2.php
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
ساتھی کہانی سنو
جریدہ ’ساتھی‘ کی کہانیاں
جمع و ترتیب: اعجاز عبید
جادو کی بوتل۔۔۔ احمد کمال
نجمی میرا بہت قریبی دوست تھا۔ پڑھائی اور کھیل میں ہمیشہ میرے ساتھ رہتا۔
یہاں تک کہ ہماری شرارتیں بھی آپس میں مشوروں سے انجام پاتیں ۔ دوسرے میرے
ماموں زاد بھائی، انجم۔ جو ہم دونوں سے عمر میں بڑے تھے۔ دوستی تو ان سے
بھی تھی لیکن اتنی نہیں کہ انہیں ہر معاملہ میں شریک کیا جائے۔ انجم بھائی
تھے بہت سر چڑھے اور مغرور۔ لاڈلے کچھ زیادہ تھے لہٰذا ان کی اکثر ضدیں
پوری کر دی جاتی تھیں ۔ کھیل کی نت نئی چیزیں لاتے اور ہمیں دکھا کر چڑاتے
رہتے۔ ایک بار ایک بوتل لائے جس میں جامنی رنگ بھرا ہوا تھا۔ ہمیں دکھا کر
بولے
‘’ دیکھو یہ جادو کا رنگ ہے۔’‘
‘’ وہ کیسے؟’‘ ہم نے سوال کیا۔
‘’ادھر آؤ۔’‘ انجم بھائی نے ہمیں اپنے قریب بلایا۔
نجمی
اور میں ان کے قریب گئے ۔ انہوں نے بوتل کھولی اور جھٹ سے کچھ رنگ ہم
دونوں کے کپڑوں پر ڈال دیا۔ رنگ پڑنا تھا میں نے اور نجمی نے رونا شروع کر
دیا۔ ہمارے کپڑے جو خراب ہو گئے تھے۔ انجم بھائی بڑی ڈھٹائی سے ہنس رہے
تھے اور کہتے جاتے ۔
‘’ ارے کچھ نہیں ہوا۔ سب ٹھیک ہے۔’‘
ہمیں
فکر تھی کہ گھر گئے اور مار پڑی۔ لیکن چار پانچ منٹ کی اس کہا سنی کے
دوران ہمارے کپڑوں سے رنگ غائب ہو چکا تھا اور ہمارے کپڑے پہلے کی طرح صاف
تھے۔ بڑی حیرت ہوئی اور اپنے رونے پر شرمندگی بھی۔
‘’نجم بھائی! یہ تو سچ مچ جادو کا رنگ ہے۔’‘
‘’ آپ کہاں سے لائے ہیں ؟’‘
‘’ ہمیں بھی دلا دیں ۔’‘ ہم دونوں نے بڑے خوشامدانہ انداز میں سوالات کر ڈالے۔
انجم بھائی تو اب اور اکڑ گئے۔ ‘’ یہ ایک جن کا فارمولا ہے۔ یہاں تو ملے گا بھی نہیں ۔’‘
‘’تو
پھر تھوڑا سا رنگ ہی دے دیں ۔’‘ نجمی نے انجم بھائی سے درخواست کی جو
مسترد کر دی گئی۔ ہم دونوں اپنا سا منہ لے کر رہ گئے۔ بہرحال صبر کیا لیکن
یہ تہیہ کر لیا کہ انجم بھائی کو ان کے غرور کا مزہ ضرور چکھانا ہے۔
٭....٭
جمعہ
کا دن تھا۔ بارہ بجے کے قریب ناصر ماموں ، جو انجم بھائی کے چچا ہوتے تھے،
سفید کرتا، پاجامہ زیب تن کیے بڑی شان کے ساتھ نانا جان کے پاس برآمدہ میں
آ کر بیٹھ گئے۔ بہت خوشگوار موڈ میں تھے۔ انجم بھائی بڑی شوخی کے ساتھ آئے
اور اپنی جادو کی بوتل سے جامنی رنگ ناصر ماموں کے کپڑوں پر چھڑک دیا۔
ناصر ماموں بڑبڑا کر اٹھ کھڑے ہوئے۔ غصہ سے ان کا چہرہ سرخ ہو گیا۔ چیخ کر
بولے۔ ‘’ نالائق یہ کیا حرکت ہے؟’‘
‘’ کیا کیا ہے یہ؟’‘ انجم بھائی
کے چہرے پر اطمینان تھا اور وہی شوخ مسکراہٹ ۔ انہیں یقین تھا کہ اب چند
منٹوں میں یہ رنگ ہوا ہو جائے گا۔
ادھر ناصر ماموں بڑی مشکل سے اپنے
غصے کو ضبط کر رہے تھے۔ پانچ چھ منٹ گزرنے کے بعد بھی جب رنگ اپنی جگہ جمع
رہا تو انجم بھائی کے چہرے کا رنگ اڑنا شروع ہو گیا۔ آخر ضبط کی بھی انتہا
ہوتی ہے۔ ناصر ماموں کا ایک بھرپور چانٹا انجم بھائی کے رخسار پر پڑا اور
پھرا ن کی آنکھوں سے گنگا جمنا رواں ہو گئی۔ انجم بھائی حیران تھے کہ ایسا
تو کبھی نہ ہوا تھا۔ اس کا جادو کہاں گیا؟ ناصر ماموں انہیں مستقل برا
بھلا کہے جا رہے تھے اور اب تو وہ سب ہی گھر والوں کی ڈانٹ سن رہے تھے۔
نانی جان نے آتے ہی سنائی۔ ‘’ارے بچے تو دیوانہ ہو گیا ہے کیا؟ یہ کیا کیا تو نے؟یہ تجھے سوجھی کیا تھی؟’‘
‘’آنے دو تمہارے ابو کو آج وہ ہی تمہارے شوق پورے کریں گے۔’‘ ممانی جان بھی آ گئیں ۔ غرض یہ کہ چاروں طرف سے بوچھاڑ پڑ رہی تھی۔
ادھر
میں اور نجمی اپنی کارکردگی پر خوش تھے۔ ایسا کیسے ہوا؟ ہم دونوں نے اس
جادو کے رنگ کی خالی بوتل حاصل کی۔ دو آنے کا پکا جامنی رنگ لا کر بوتل
میں بھر کر کسی طرح نجم بھائی کی بوتل سے بدل دیا۔ پھر جو کچھ ہوا وہ تو
آپ سن ہی چکے ہیں ۔ انجم بھائی کو آج تک یہ بات معلوم نہ ہو سکی کہ اس
جادو کے رنگ کا جادو کہاں گیا۔ اگر اب آپ میں سے کسی نے بتا دیا تو ہماری
خیر نہیں ۔
پڑھنے میں مشکل؟؟؟
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)