ساتھی! نظم سنو
جمع و ترتیب: اعجاز عبید
اﷲ سوہنا۔۔۔ اﷲ سوہنا
سب کی جھولی بھرنے والا سب سے برتر سب سے بالا اﷲ سوہنا اﷲ سوہنا
سب کی منزل سب کا رستہ سب سے ارفع سب سے اعلیٰ اﷲ سوہنا اﷲ سوہنا
سب کے عیب چھپانے والا بگڑی بات بنانے والا اﷲ سوہنا اﷲ سوہنا
سب کا رازق سب کا داتا سب کا خالق سب کا اپنا اﷲ سوہنا اﷲ سوہنا
بے شک سب سے اعلیٰ حاکم بے شک سب سے سچا حاکم اﷲ سوہنا اﷲ سوہنا
چاہے گورا ہو یا کالا سب کی وہ ہے سننے والا اﷲ سوہنا اﷲ سوہنا
راز شریفؔ سب کھول رہے ہیں
اب تو پتھر بول رہے ہیں
اﷲ سوہنا اﷲ سوہنا
٭٭٭
سرور کونینﷺ
کہیں ہے پھول کہیں ضو فشاں ستارہ ہے
خدا نے دنیا کو انؐ کے لیے سنوارا ہے
وہی ہیں رحمت دارین، سرورِ کونینؐ
نبیؐ کا نام ہمیں جان و دل سے پیارا ہے
بہت ہیں ناتواں دنیا میں اور عقبیٰ میں ہمیں عنایت سرورؐ کا ہی سہارا ہے
سنہری جالیاں روضے کی نقش ہیں دل پر ہماری زیست کا حاصل وہی نظارہ ہے
بلا لیں در پہ خدارا ہمیں رسول اﷲؐ غم فراق میں دل اپنا پارہ پارہ ہے
بھنور میں دیکھئے آقاؐ ہے پھولؔ کی کشتی
نظر کرم کی ہو کافی بس اک اشارہ ہے
٭٭٭
حبیب کبریاﷺ آئے
پڑھو صلِ علیٰ صدر العلیٰؐ آئے وہ محبوب الٰہی ، وہ حبیب کبریاؐ آئے
نبیؐ کی سیرت اقدس کا اک اک لفظ سورج ہے
ہیں کرنیں اولیا اُن کے، جہاں پہنچیں ضیا آئے
شعاعِ حسنِ احمدؐ کے ہیں سارے زاویے روشن
ہے قرآں اس کا شاہد، آئے وہ شمس الضحیٰ ؐ آئے
یہاں ویرانہ ہستی میں حسن دائمی آیا
بہارِ عشق لے کر جب امام الانبیاء ؐ آئے
اندھیرے کہہ رہے ہیں کر لو روشن دل کی قندیلیں
زہے قسمت کہ وہ بدر الدجٰی ، نور الہدیٰ ؐ آئے
مدینے آ کے، جانا ہی کہاں تھا، جو بچا رکھتے
مدینے میں ضیاؔ پہنچے تو پھر سب کچھ لُٹا آئے
٭٭٭
ظالم شیر اور ہاتھی
پاکستان کے جنگل کا ہے قصہ پیارے بچو
آ ؤ سن لو پاک وطن کے چاند ستارے بچو
رہتا تھا ایک شیر وہاں پہ لمبے بالوں والا
لمبی سی تھی دم اس کی اور چھوٹے کانوں والا
جنگل کے ہر حیواں کو تگنی کا ناچ نچایا
ظلم وہاں پہ کر کے اس نے سب کو خوب ڈرایا
جب بھی بھٹ سے باہر آتا سب ہی ڈرتے چھپتے
بلی گیدڑ بھالو مرغی بندر سانبھر کتے
سانپ بھی اپنے کوہ میں اپنے بچو کو سمجھاتا
ساتھ میں طوطا الو بھی بچوں کو خوب ڈراتا
یوں ہی خوف کا ڈیرا ہوتا جنگل میں ہر سمت
ہر حیواں تقدیر کو روتا جنگل میں ہر سمت
اک دن دبکے سب بیٹھے تھے روز ہوں جیسے بیٹھیں
خالی خالی اور خاموشی سے سب چیزیں دیکھیں
ایسے میں اک لمبا موٹا حیواں سب نے دیکھا
ایسے لمبا ایسے موٹا جیسے کوہِ ہمالہ
آگے بڑھ کے سب سے بولا، دیکھو میں ہوں ہاتھی
اﷲ نے قوت بھی دی ہے اور ہوں سب کا ساتھی
یوں جو پیار سے بولا ہاتھی سب ہی ہو گئے حیراں
سب نے خوب شکایت کی کہ جور یہاں ہے ارزاں
ہاتھی نے جو ظالم شیر کو دیکھا تو یوں بولا
آ جا میرے مد مقابل زور سے وہ چنگھاڑا
آگے بڑھ کے سونڈ میں پکڑا شیر کو اور گھمایا
ایسے پٹخا کہ یاد آ گئے شیر کو تائی تایا
اک دو لاتیں ظالم شیر کو ماریں تو وہ بھاگا
موٹے ہاتھی سے ڈر کر بس اپنا رستہ ناپا
یوں چھٹکارا پایا سب نے ظالم شیر سے بچو
مل جل کر پھر جشن منایا حیوانوں نے بچو!
بندر شاخ پہ جھول کہ گایا، تان کے اپنی چھاتی
ہاتھی سب کا ساتھی ہے بھئی ہاتھی سب کا ساتھی
٭٭٭
اپنا قائد
عظمت، شہرت والا قائد
ہمت، جرات والا قائد
دولت ثروت والا قائد
شان و شوکت والا قائد
سب سے اچھا اپنا قائد
مغرب سے کب ڈرتا تھا وہ
حق کی خاطر لڑتا تھا وہ
جھوٹ سے اس کو نفرت تھی
سچی باتیں کرتا تھا وہ!
سب سے اچھا اپنا قائد
جذبوں کو قربان کیا ہے
جینے کا سامان دیا ہے
عزت دی اور مان دیا ہے
ہم کو پاکستان دیا ہے
سب سے اچھا اپنا قائد
٭٭٭
آ ؤ مل کر پیڑ لگائیں
جانتے ہیں جو دیدہ ور ہیں
پیڑ زمین کا زیور ہیں
اپنی زمیں کو خوب سجائیں
آ ؤ مل کر پیڑ لگائیں
یہ صاف ہوا بھی دیتے ہیں
خوش رنگ سما بھی دیتے ہیں
لاتے ہیں کھنگھور گھٹائیں
آ ؤ مل کر پیڑ لگائیں
نگری نگری گاؤں گاؤں
دیتے ہیں ہر اک کو چھاؤں
سب ہی ان سے فیض اٹھائیں
آ ؤ مل کر پیڑ لگائیں
پیڑ لگیں گے اگر زیادہ
ہوگا معیشت کو بھی فائدہ
ملک کو ہم خوشحال بنائیں
آ ؤ مل کر پیڑ لگائیں
پیڑ اگانا ہے وہ کام
صدقہ جاریہ جس کا انعام
کام یہ ہم بھی کرتے جائیں
آ ؤ مل کر پیڑ لگائیں
٭٭٭
چوہوں کا اجلاس
چوہوں نے اجلاس بلایا جس میں ان کا باس بھی آیا
سب نے یہ آواز اٹھائی مشکل میں ہیں ہم سب بھائی
مانو بلی تنگ کرتی ہے اکثر ہم سے جنگ کرتی ہے
ظالم ہے وہ شیر کی خالہ!
لیتی ہے بس ایک نوالہ
کھا گئی کتنے ہمارے بھائی منو کے ابا چنو کی تائی
جینا ہے دشوار ہمارا!
کوئی نہیں غم خوار ہمارا
کب تک جان بچائیں گے ہم
اک دن مارے جائیں گے ہم
کیسے چھپ چھپ کر دن کاٹیں
اس سے بہتر ہے مر جائیں
آ ؤ آج سے ایک ہو جائیں
مل کر بلی سے ٹکرائیں
آج ہی اس کے ہم گھر جائیں
اپنے شہر سے اسے بھگائیں
سن کر وہ تقریر بچارے
آ گئے جوش میں چوہے سارے
بلی کے وہ گھر کی جانب
فوج کی صورت بڑھنے لگے سب!
پہنچے اس کے در پر وہ جب
دیکھ کے وہ حیران ہوئے سب!
گھر میں اور نہ تھا کوئی
بستر پر تھی بلی سوئی!
جب وہ کودے گھر کے اندر
جاگ اٹھی وہ آہٹ سن کر
چوہے ایسے ڈر کر بھاگے باس تھا ان کا سب سے آگے ٭٭٭
پیٹو خان
ان کو دیکھ کے سب حیران!
کھا لیتے ہیں دس دس نان!
ان کی توند کی دیکھو شان!
یہ ہیں مسٹر پیٹو خان!
شاگرد ان کا ہے بقراط!
اک چیلا ان کا سقراط!
روز یہ جاتے ہیں یونان!
یہ ہیں مسٹر پیٹو خان!
غصہ ان کی ناک پہ ہے!
ٹوپی ان کی کاک پہ ہے!
ہاتھ میں ڈنڈا ، منہ میں پان
یہ ہیں مسٹر پیٹو خان!
ان کا حال بتائے پھول!
مت دو اس قصے کو طول
خوش ہوگا سن کر شیطان۱
یہ ہیں مسٹر پیٹو خان!
٭٭٭
بڑی بات ہے
رنج ہنس کر اٹھانا بڑی بات ہے
غم میں بھی مسکرانا بڑی بات ہے
رنج و غم کو جہاں سے مٹاتے چلو
رنج و غم کو مٹانا بڑی بات ہے
ساتھ دنیا ہے گر، تو مصیبت میں دو
ایسے میں کام آنا بڑی بات ہے
ہر طرف اب خوشی کے کھلا ؤ چمن
گل خوشی کے کھلانا بڑی بات ہے
دشمنوں سے بھی تم پیار کرتے چلو
پیار ان سے نبھانا بڑی بات ہے
زندگی کو حسےں سے حسیں تر کرو
اس کو دل کش بنانا بڑی بات ہے
پیار انمول موتی ہے اے ساتھیو
اور یہ موتی لٹانا بڑی بات ہے
عزم و ہمت سے لو کام اے دوستو
کچھ نہ کچھ کر دکھانا بڑی بات ہے
٭٭٭
کارنامہ
جب پڑھائی کرتے کرتے بور ہو جاتا ہوں میں
داب کربلا بغل میں فیلڈ پر آتا ہوں میں
پھر نہیں دنیا و مافیہا کا کچھ رہتا خیال
کھیلتا جاتا ہوں میں بس کھیلتا جاتا ہوں میں
ڈیڈ پچ ہو اور ”سلو“ بالر تو میرے عیش ہیں
فاسٹ پچ اور تیز بالر ہو تو گھبراتا ہوں میں
”اِن کٹر، آؤٹ کٹر سے ہو کر بالکل بے نیاز
بند کر کے آنکھ بس بلا گھما جاتا ہوں میں
جب میں چھکا مارتا ہوں اور وہ ہو جاتا ہے کیچ
اپنی سعی نارسا پر جھینپ سا جاتا ہوں میں
فارورڈ جاتا ہوں میں گگلی اٹھانے کے لیے
عقب میں اپنے مگر وکٹیں گری جاتی ہوں میں
سنچری کرنے کا دل میں لے کر جاتا ہو خیال
لیکن اکثر لے کے انڈر ہی پٹ آتا ہوں میں
ہو کے اب محتاط کھیلوں گا میں اگلے میچ میں
ہر دفعہ یہ کہہ کے اپنے دل کو سمجھاتا ہوں میں
٭٭٭
تعمیر پاکستان
ہم خود پر یہ احسان کریں تعمیر پاکستان کریں
شیشۂ دل شفاف رکھیں گے
اپنے گھر کو صاف رکھیں گے
آ ؤ مل کر اعلان کریں
تعمیر پاکستان کریں
میلی آنکھ سے دیکھے جو بھی
اس کی برائی سوچے جو بھی
اس سے حفاطت ہر آن کریں
تعمیر پاکستان کریں
قریہ قریہ، کوچہ کوچہ
مل کے سنوارے بچہ بچہ
محنت جیسے دہقان کریں
تعمیر پاکستان کریں
میرا وطن ہے جان سے پیارا
روشن اس پر چاند ستارا
اس پر دولت قربان کریں
تعمیر پاکستان کریں
٭٭٭
بہار آئی
پھول مہکے بہار آئی ہے
شاخِ گل جیسے مسکرائی ہے
ہر شجر نے لباس بدلا ہے
پتے پتے کا رنگ اُجلا ہے
چڑیاں شاخوں پہ چہچہاتی ہیں
بُلبلیں میٹھے گیت گاتی ہیں
بچے باغوں کی سیر کو نکلے
اچھے اچھے لباس پہنے ہوئے
کس قدر خوشگوار ہے موسم
واہ، کیا پُر بہار ہے موسم
لُو کی شدت بھی اب نہیں باقی
اور نہ پہلی سی دھُوپ میں تیزی
گرد اُڑتی نہیں ہے اب بچو
صاف ستھرے ہیں روز و شب بچو
نکہتوں سے مہک اُٹھا گلشن
رنگ نکھرا چمک اُٹھا گلشن
٭٭٭
پیارے پپو
نام ہے ان کا پیارے پپو
اول درجے کے ہیں گپو
گال ہیں ان کے گورے گورے
جیسے چاندی کے ہوں کٹورے
آنکھیں روشن اور چمکیلی
ناک ہے ان کی کچھ نوکیلی
چہرہ ان کا بھولا بھالا
نکھری نکھری رنگت والا
چوہے کے سے کان ہیں ان کے
شوق سے ہیں یہ پان بھی کھاتے
اکثر کرتے ہیں چالاکی
اور سبوں سے ہے بے باک
ٹھمک ٹھمک کر چلتے ہیں یہ
بسکٹ کھا کر پلتے ہیں یہ
سب کا جی بہلاتے ہیں یہ
ہر اک دل کو بھاتے ہیں یہ
بھوک لگے تو یہ روتے ہیں
”ددّو“ پی کر خوش ہوتے ہیں
پیٹ بھرے تو سو جاتے ہیں
اندھیارے سے گھبراتے ہیں
ان کو دودھ ملے پیالی میں
ننھی موٹر سے یہ کھیلیں
بسکٹ کو ”بٹ، ٹٹ“ کہتے ہیں
ابو جی سے خوش رہتے ہیں
خربوزے ہیں شوق سے کھاتے
چلغوزے ہیں بے حد بھاتے
خالہ بلی سے ڈرتے ہیں
تتلا کر باتیں کرتے ہیں
باتیں پیاری پیاری ان کی
پھول نے ان پر نظم ہے کہہ دی
٭٭٭
سائنسی دور کی خواہشیں
ہر ذی روح کی کوئی نہ کوئی آرزو ہوتی ہے ۔ سائنس کی تیز رفتار ترقی کے پیش نظر خواہشوں کا منظر نامہ یوں ہوگا۔
طالب علم
اے کاش کہ ایجاد ہو ہر علم کی ویکسین
پھر میرے دل و جان کو مل جائے گی تسکین
انبار کتابوں کا نہیں اب مرے سر پر
ہے چپس مری جیب میں، اس میں ہے سمندر
مجھ پر مرے روبوٹ کی لاکھوں ہیں عنایات
کرتا ہوں سوالات، وہ دیتا ہے جوابات
*۔۔۔*
تاجر
رہتا ہے پلوٹو پہ مرا یار ٹریڈر
بھیجا ہے مرے نام ابھی اس نے یہ ٹینڈر
فوراً اسے درکار ہیں پچیس ٹریکٹر
میں نے بھی طلب اس سے کیے گیس کے ہیٹر
*۔۔۔*
بچہ
پکنک کے لیے جانا ہے نیپچون کے اوپر
اسکول کے چند دوست اور احباب کو لے کر
پھر شام سے پہلے ہی قدم ہوں گے زمیں پر
زہر ہ سے فروٹ لاؤں گا میں بیچ میں رک کر
*۔۔۔*
کھلاڑی
اس دھوپ میں یہ میچ مصیبت ہے سراسر
آسان نہیں کھیلنا ، میدان میں جا کر
میداں میں مری شکل کا روبوٹ رہے گا
وہ کامراں ہوگا، مجھے انعام ملے گا
*۔۔۔*
بندر
لگ جائے مشین ایسی کوئی میرے بدن پر
ماروں گا چھلانگیں میں جو پیڑوں سے قمر پر
مریخ سے اچھلوں تو پہنچ جاؤں زحل پر
پھر ایک زقند بھر کے چلا آؤں زمیں پر
*۔۔۔*
گدھا
ریموٹ مرے پاس ہے، کہتے ہیں مجھے خر
چلتی ہے اشارے سے مری کار سڑک پر
کھونٹے سے چلا آیا ہوں سیٹ کے اوپر
ہے میری صدا ہارن کی آواز سے بر تر
٭٭٭
چندا نیچے آؤ تو۔۔۔
چندا نیچے آؤ تو!
حال سناؤ کیسے ہو!!
کچھ سمجھاؤں میں تم کو
کچھ بہلاؤ تم مجھ کو
میں پھولوں کی بات کروں
تم تاروں کی بات کرو
دیکھوں تو کیا لائے ہو؟
اپنی مٹھی تو کھولو!
کھیلیں ہم دونوں مل کر
میں پولیس تم چور بنو
کب تک روٹھو گے ایسے!
چھوڑو نا! اب تو ہنس دو!
اچھا پھر کل ملتے ہیں
دیر ہوئی اب گھر لوٹو!
بستر پکڑوں اب میں بھی
تم بھی جاؤ اب سو لو!!
٭٭٭
ہر اک سمت پھیلی ہوئی ہے ہوا
ہر اک سمت پھیلی ہوئی ہے ہوا نظر کیوں نہیں آ رہی ہے ہوا
یہ بے رنگ، بے ذائقہ ہے مگر جگہ واقعی گھیرتی ہے ہوا
بنا ہاتھ کے کام کرتی ہے یہ بنا پاؤں ہی چل رہی ہے ہوا
یہ عمل تنفس کی بنیاد ہے ہمیں زندگی دے رہی ہے ہوا
یہ دیتی ہے جلنے میں سب کو مدد دیاؤں میں خود جل رہی ہے ہوا
پیامی ہے پھولوں کی، خوشبو لیے یہاں سے وہاں جا رہی ہے ہوا
جو ہے کرۂ ارض اوڑھے اسے سمندر کو ڈھانپے ہوئی ہے ہوا
ڈھلی ہے جو لہروں میں آواز کی تو صوت و صدا بن گئی ہے ہوا
پتنگوں کو شانوں پہ اپنے لیے اڑائے چلی جا رہی ہے ہوا
تھما کر نمی ابر کے ہاتھ میں زمیں پر برسنے لگی ہے ہوا
کھلے بادباں کی سہیلی بنی اسی رخ پہ خود بہہ رہی ہے ہوا
لیے ساتھ آبی بخارات کو پہاڑوں کی جانب چلی ہے ہوا
سبھی کار، موٹر کے پہیوں میں ہے غباروں میں سب کے بھری ہے ہوا
کسی کی بھی فریاد سنتی نہیں مخالف اگر ہو گئی ہے ہوا
بپھر کر بنی ہے یہ طوفان یا
پیام اجل بن گئی ہے ہوا
٭٭٭
انسان کے کمالات
خالق کی ہیں انسان پہ کثرت سے عنایات
تخلیق کیے اس کے لیے ارض و سماوات
انساں کے تصرف میں نباتات و جمادات
اس کے لیے جنگلات ہیں، اس کے لیے فلزات
انسان کے قابو میں ہوئے برق و بخارات
تیزی سے بدلتے رہے سنسار کے حالات
انسان نے دنیا میں دکھائے ہیں کمالات
مشہور ہیں اس خاک کے پتلے کی کرامات
ہیں چاند پہ انسان کے قدموں کے نشانات
اک روز لگائے گا وہ مریخ پہ باغات
انسان کی عظمت کی دل آویز کہانی ہوتی ہے بیاں روز مشینوں کی زبانی
یہ کار ، یہ ریڈار، یہ بجلی کی ٹرینیں
یہ ریڈیو، ٹی وی، یہ ٹرامیں یہ کرینیں
یہ کیمرہ، پنکھے یہ سلائی کی مشینیں
یہ قمقمے بجلی کے، دھلائی کی مشینیں
فانوس، فرج اور یہ آرام کے ساماں ان سب کا موجد ہے یہی خاک کا انساں
کھیتوں کے لیے اس نے بنائے ہیں ٹریکٹر
سردی سے حفاظت کے لیے گیس کے ہیٹر
انساں کے تصرف میں ہیں صدیوں سے سمندر
اب اس کا سفر ہونے لگا بحر کے اندر
انساں اڑاتا ہے جہازوں کو فضا میں راکٹ بھی چلاتا ہے وہی دور خلاء میں
انسان کی عظمت کے گواہ چاند ستارے انساں کے کمالات پہ حیران ہیں سارے
ڈالی ہے کمند، چاند پہ انساں نے زمیں سے
وہ آگے بڑھاتا ہے قدم عزم و یقیں سے
طاقت اسے حاصل ہوئی ذرے کے جگر سے پوشیدہ کوئی چیز نہیں اس کی نظر سے
محفوظ کتابوں کو کیا چپس کے اندر
یا سیپ میں انسان نے لایا ہے سمندر؟
انساں نے کیا ایک طرف درد کا درماں پیدا بھی اسی نے کیے تخریب کے ساماں
جاپان پہ انساں نے گرائے ہیں ایٹم بم
دو شہر تباہ اس نے کیے طیش میں اک دم
ایجاد کیا جنگ کا سامان چمن میں مٹ جائیں گے جاں دار سبھی چشم زدن میں
اک رُخ سے فرشتہ ہے اگر خاک کاانسان
رُخ دوسرا دیکھیں تو نظر آتا ہے شیطان
رُوبوٹ کی ایجاد سے ہلچل ہے جہاں میں
کیا ہوگا ذرا دیکھیے اب کون و مکاں میں
٭٭٭
سائنس کی دنیا
سائنس کے فروغ سے دنیا بدل گئی
پہلے تھی گھوڑا گاڑی تو اب ریل چل گئی
تھی آرزو کہ ہم بھی اڑیں آسمان پر یہ آرزو ہوائی جہازوں میں ڈھل گئی
ٹیلی ویژن کراتا ہے سارے جہاں کی سیر
گھر بیٹھے یو کے جانے کی حسرت نکل گئی
کچھ بھی نہیں ہے دور اگر فون پاس ہے
نکلی جو بات منہ سے وہ امریکہ کل گئی
کمپیوٹروں کا حال تو بس کچھ نہ پوچھئے
سب سوجھ بوجھ شام جی ماؤس میں ڈھل گئی
٭٭٭
لو بچو! وہ آ گئی ریل
کوئی کرے نہ دھکم پیل
انجن آگے ، ڈبے پیچھے،
اونچے لمبے اور بڑے!
اس میں ہم سب بیٹھیں گے
اور منزل پر پہنچیں گے
پٹری پر یہ دوڑے گی!
ہم کو سیر کرائے گی
بستی بستی، نگر نگر کی
کوچہ ، کوچہ ڈگر ڈگر کی
دوڑتے رہنا اس کا کھیل
لو بچو! وہ آ گئی ریل
٭٭٭
حمزہ کی گھوڑا گاڑی
حمزہ جی کی گھوڑا گاڑی چلتی جائے ترچھی آڑی
بڑے بڑے دو اس کے پہیے اچھی خاصی ٹم ٹم کہیے
گھوڑا اس کا لکڑی کا ہے رسی کھینچو تو چلتا ہے
گڈو پپو چنے منے عائشہ گڑیا، زین اور بنے
حمزہ سب بچوں کو لے کر شان سے گاڑی میں ہیں بیٹھے
اپنی گلی میں سب کو گھمائیں باری باری سیر کرائیں
لڑتا نہیں ہے ان میں کوئی
دیکھو! یہی تو بات ہے اچھی
جس بچے کے گھر یہ پہنچے گاڑی سے وہ بچہ اُترے ٭٭٭ بہار کی آمد
پھول کھلنے لگے ہیں اب ہر سُو صحنِ گلشن میں پھیلی ہے خوشبو
گیت گاتی ہے آج بلبل بھی
جھومتی ہے خوشی سے ہر تتلی
گنگناتی ہوئی بہار آئی
گیت گاتی ہوئی بہار آئی
شان اس کی سبھوں سے ہے عالی جو ہے دنیا کے باغ کا مالی
اس نے بھیجی بہار دنیا میں تاکہ ہم اس کی شان کو سمجھیں
اپنے بندوں پہ اس کی ہے رحمت!
سارے باغوں میں اس کی ہے نکہت
آؤ ہم سب بھی باغ میں جائیں
پھولؔ کا گیت مل کے ہم گائیں!
٭٭٭
روشنی بن جاؤ تم
اس جہاں میں جس جگہ بھی جاؤ تم علم کی خوشبو وہاں پھیلاؤ تم
راستے میں تیرگی چھائی ہو گر آگے بڑھ کر روشنی بن جاؤ تم
دھوپ گر ہو زندگی کی راہ میں آسماں پر ابر بن کر چھاؤ تم
پیار کی باتیں کرو، ہر ایک سے پیاری باتیں اب زباں پر لاؤ تم
کوئی لمحہ بھی نہ اب ضائع کرو سارے لمحوں کے امیں بن جاؤ تم
امن کا دنیا کو گہوارہ کرو امن کا پرچم اٹھو لہراؤ تم
چاند سورج کی طرف دیکھو نہ اب چاند سورج آپ ہی بن جاؤ تم
شر کو ٹھکراتے ہوئے آگے بڑھو ہر قدم اب خیر کو اپناؤ تم ٭٭٭ پانی
عنایت علی خان
رحمت رب کی روشن ایک نشانی ہوں
یوں دیکھو تو کیا ہوں میں بس پانی ہوں
دو گیسوں سے مل کر میں بن جاتا ہوں
پھر میں دنیا بھر کی پیاس بجھاتا ہوں
’’ایچ‘‘ اور ’’او‘‘ ہیں نام ان دونوں گیسوں کے
سب کو پتہ ہیں کام ان دونوں گیسوں کے
’’ایچ‘‘ ان میں جلتی ہے ’’او‘‘ بھڑکاتی ہے
آگ بھڑک کر شعلوں کو لہراتی ہے
ان سے مل کر پانی میں بن جاتا ہوں
قدرت کی یوں شان تمہیں دکھلاتا ہوں
رب جب چاہے شعلوں کو گلشن کر دے
آگ اگلتی گرمی کو ساون کر دے
رحمت رب کی روشن ایک نشانی ہوں
یوں دیکھو تو کیا ہوں میں بس پانی ہوں
پھر یہ دیکھو تم تک کیسے آتا ہوں
پیاس بجھاتا اور ہر چیز اگاتا ہوں
سورج کی جب کرنیں بھاپ بناتی ہیں
رم جھم رم جھم رم جھم مینہ برساتی ہیں
انسان اور حیواں سبھی تو پیتے ہیں
پیتے ہیں اور خوش ہو کر سب جیتے ہیں
کھیتوں میں بھی ہریالی آ جاتی ہے
باغوں میں بھی شادابی چھا جاتی ہے
باغوں میں پھر تم پکنک پر جاتے ہو
یوں میری آمد کی دھوم مچاتے ہو
رحمت رب کی روشن ایک نشانی ہوں
یوں دیکھو تو کیا ہوں میں بس پانی ہوں
٭٭٭
اقبال کا شاہین
کہنے کو تو شاہیں ہے فقط اک پرندہ پر دیکھئے کس شان سے رہتا ہے وہ زندہ
اونچی اڑان سے ہی قائم ہے شان اس کی چستی جھپٹ پلٹ میں رہتی ہے آن اس کی
رہنے کو آشیاں وہ بناتا نہیں کہیں بھی
آزاد طبع ہے وہ ٹھہرتا نہیں کہیں بھی
وہ بے خطر جھپٹتا ہے اپنے شکار پر قائم ہے اس کی شان بس اس کے شعار پر
اچھی وہ اک مثال ہے انساں کے واسطے دکھلاتا ہے بلندی و خودی کے راستے
اس کا یہی مزاج تھا انسان کو پسند تھی آرزو کہ نوجواں ہوں ایسے ارجمند
پہچانیں خود کو درس جوانوں کو یہ دیا عزم بلند کا دیا دل میں جلا دیا
بعد از خدا بھروسہ کریں اپنی ذات پر
ہشیار ہوں نہ دھیان دیں خبروں کی بات پر
ہو پیش معرکہ تو بڑے حوصلے کے ساتھ
مل کر قدم بڑھائیں وہ ہاتھوں میں لے کے ہاتھ
ہو صبر و شکر عزم بلند ان کا فسانہ اس راہ پر چلیں تو سنور جائے زمانہ
اﷲ پر ایمان ہو اور عزم بھی پختہ طوفان میں یہی عزم بنا لیتا ہے رستہ
احمد کی اپنے رب سے یہی دلی دعا ہے
اس قوم کے جوانوں کو شاہین صفت بنا
٭٭٭
نصیحت بچو اچھی باتیں سن لو دانائی کے موتی چن لو
میٹھی میٹھی بولی بولو پہلے سوچو پھر منہ کھولو
جو کچھ پوچھیں سچ سچ کہنا جھوٹی بات سے بچ کر رہنا
پیارے بچو پڑھتے جاؤ آگے آگے بڑھتے جاؤ
کھیلنا ہو تو مل کر کھیلو اچھلو کودو یا ڈنٹر پیلو
بچو بڑوں کا کہنا مانو ان کی بات کو اچھا مانو
جو بچے یہ کام کریں گے روشن اپنا نام کریں گے ٭٭٭
گیس سنا ہے کروڑوں برس پیشتر زمیں پر سمندر ہی تھا بیشتر
کئی قسم کے اس میں تھے جاندار درخت اور پودے بھی تھے بے شمار
تغیر سے جب جانور مر گئے سمندر کی تہہ میں وہ گھر کر گئے
سبھی گارے اور ریت میں آ دبے دبے اس طرح سے کہ برسوں ہوئے
تہوں پر تہیں ان پہ چڑھتی گئیں چٹانوں کی صورت وہ بڑھتی گئیں
عمل جب حرارت کا ہوتا گیا دباؤ چٹانوں پہ بڑھتا گیا
جو پودے بھی اور جانور تھے دبے سبھی رفتہ رفتہ وہ گل سڑ گئے
زمیں پر جو ہوتا رہا تھا عمل گئے تیل اور گیس میں وہ بدل
ادھر سے ادھر پھر چٹانیں ہٹیں وہ پھر رفتہ رفتہ سرکتی گئیں
مسام ان چٹانوں میں جتنے بھی تھے وہ سب تیل اور گیس ان میں پھنسے
بنی گیس کچھ تیل کے ساتھ ہی بنی کچھ زمیں کی حرارت سے بھی
عمل جو یہ ہوتا رہا تھا کبھی اسی سے بنی گیس جو اب ملی
ملا تیل بھی اور ملی گیس بھی افقؔ تہہ کی ایسی چٹانوں میں ہی ٭٭٭ ہوا
ہوا ہر جگہ گو کے موجود ہے نظر سے ہماری یہ مفقود ہے
ہوا میں بس اک خاص ترکیب ہے ملی ہیں کئی گیسیں ترتیب سے
ہوا میں نہ بو ہے نہ ہے ذائقہ عجب چیز ہے یہ ہوا بے مزہ
ہوا میں ہیں آبی بخارات بھی الٰہی سے ہے رہتی ہوا میں نمی
جگہ گھیرتی ہے ہوا ہر جگہ وزن ڈالتی ہے برابر ہوا
ہوا بھر دیں گر ہم کسی چیز میں سما جاتی ہے یہ اسی چیز میں
سمندر میں کشتی چلاتی ہے یہ پہاڑوں کو ریزہ بناتی ہے یہ
اڑا دیتی ہے بادلوں کو ہوا اسی کے اثر سے ہے آتی گھٹا
جو چلتی ہے آندھی کی رفتار سے تو ٹکراتی ہے در سے دیوار سے
ہوا گر نہ ہو کوئی زندہ نہ ہو بشر کیا، چرندہ پرندہ نہ ہو
جہاں کچھ نہیں ہے وہاں ہے ہوا غلاف اس کا ہر سو ہے پھیلا ہوا
ہوا پر ہی ٹھہری ہے یہ کائنات حقیقت میں دنیا ہے یہ بے ثبات
خدا کا یہ احساں ہے ہم پر بڑا ہمیں مفت دی ہے خدا نے ہوا
نہیں مانتے جو وجود خدا افقؔ وہ دکھا دیں بنا کر ہوا ٭٭٭
بندر والا
مہران سانولؔ
جامو بندر والا آیا، بھالو بکری بھی ہے لایا
ڈگ ڈگ ڈگ کا ساز بجا کر سب کو اس نے پاس بلایا
بندر کی ہے چال نرالی، آنکھوں پہ عینک ہے کالی
سیدھے کان میں ہینڈ فری ہے، الٹے کان میں اس کے بالی
کرلی اس کی نیلی نیلی، اجلی اجلی، ڈھیلی ڈھیلی
لمبے لمبے ناخن اس کے اور بتیسی پیلی پیلی
نام مداری اس کا پکارے، آ جا میرے راجو تارے
افسر بن کر سب کو دکھا دے پیسے دیں گے لوگ یہ سارے
پیسوں کی لالچ میں آ کر، بن گیا افسر ٹائی لگا کر
بھالو بکری کو پھر ڈانٹا سمجھا ان کو نوکر چاکر
بھالو بندر کا ہے تایا، چھانگا مانگا سے ہے آیا
جھاڑ پڑی تو زور سے دھاڑا، بندر کا پھر ہوش اڑایا
بکری روٹھ کے بیٹھ گئی ہے، اس کو بھی تو ڈانٹ پڑی ہے
بندر نے بکری کو منایا، لیکن پھر بھی گم سم سی ہے
خود کو تھانیدار جو سمجھا، باقی سب بے کار جو سمجھا
مانگ رہا ہے سب سے معافی ، ادرک کو نسوار جو سمجھا
جامو کے یہ ساتھ کھڑا ہے، باندھ کے پیچھے ہاتھ کھڑا ہے
کھی کھی کر کے سر کو کھجائے، بندر بھی چالاک بڑا ہے
کھا کر کیلا کھیر ملائی، ایک قلابازی بھی کھائی
ڈگ ڈگ ناچ دکھا کر سب کو کی ہے اس نے خوب کمائی
کرتب اس نے خوب دکھائے، سارے بچے خوب ہنسائے
نقلیں سب کی خوب اتاریں، کیا کیا اس نے ڈھونگ رچائے
جامو بولا کاش جمہورے، ہر اک ہو خوش باش جمورے
امن و اماں کا سورج نکلے، دیکھے کوئی نہ لاش جمہورے
اس دھرتی پر خوش حالی ہو، اب نہ کوئی بدحالی ہو
آئیں نہ سیلاب یہاں پر، میرے دیس میں ہریالی ہو
جامو خوشیاں بانٹ گیا ہے، خوشیاں دینا کام بھلا ہے
سب بچوں کو دور سے بندر پیچھے مڑ کر دیکھ رہا ہے
٭٭٭
چندا نیچے آؤ تو۔۔۔
شمیم فاطمہ
چندا نیچے آؤ تو!
حال سناؤ کیسے ہو!!
کچھ سمجھاؤں میں تم کو کچھ بہلاؤ تم مجھ کو
میں پھولوں کی بات کروں تم تاروں کی بات کرو
دیکھوں تو کیا لائے ہو؟
اپنی مٹھی تو کھولو!
کھیلیں ہم دونوں مل کر میں پولیس تم چور بنو
کب تک روٹھو گے ایسے!
چھوڑو نا! اب تو ہنس دو!
اچھا پھر کل ملتے ہیں
دیر ہوئی اب گھر لوٹو!
بستر پکڑوں اب میں بھی
تم بھی جاؤ اب سو لو!!
٭٭٭
بلی کا بچہ محمد مرشد خلیل احمد شیخ ،ٹنڈو آدم
بلی کا بچہ، چوہوں کا چچا
آنگن میں بیٹھا لگتا ہے اچھا
بلی کا بچہ وہ دیکھو نکلا
دودھ جو دیکھا تو اس پر لپکا
خوب مزے سے پھر اس کو چاٹا
دودھ کو پی کے وہ بولا ٹاٹا
دیکھا جو اس نے اون کا گولا پنجوں سے اس کو لڑھکا کے کھولا
جب مرشد ڈنڈا اٹھائے
بلی کا بچہ ان کو نچائے
رویا بہت جو مارا جو چانٹا
گھس کر کچن میں دودھ گرائے
بس سمجھو مرشد سے اس کی شامت آئے
بلی کا بچہ سب کا چچا
آنگن میں بیٹھا لگتا اچھا
٭٭٭
ننھے منے زین ضیاء الحسن ضیاؔ
پیارے پیارے راج دُلارے ننھے مُنّے زین
سارے گھر کی آنکھ کے تارے ننھے مُنّے زین
نام ہے زین العابدین اور سب کہتے ہیں زین
گھر بھر میں ہیں خوشیاں ان سے سب کے دل کا چین
زین کی امی ابو چندا ان کا یہ ہالا
زین کے دم سے سارے گھر میں جگمگ اُجیالا
اُوں اُوں، اُوں اُوں پَل میں جاگیں، پل میں یہ سوئیں
گود میں آ کے مسکائیں اور پَل بھر میں روئیں
دادی ان پر جان چھڑکتی ، نانی کی یہ جان
گود میں لے کے دادا گھمائیں، نانا کا ارمان
زین کو چاچو اک پَل اوجھل ہونے نہیں دیتے
بہلاتے رہتے ہیں ہر دم رونے نہیں دیتے
ہیٹ لگا کے ننھے مُنّے صاحب لگتے ہیں
چشم بَد سے اﷲ بچائے کوب ہی سجتے ہیں
زین میاں کی چاہت ہر اک پَل گن گاتی ہے
ہر اک پھوپھی پیار سے ان کو گلے لگاتی ہے
ماموں اور خالاؤں کی ہیں سانسوں کی مہکار
جب یہ نانی کے گھر آئیں، آئے ان سے بہار
٭٭٭
آگے قدم بڑھاؤ ضیاء الحسن ضیا
خوشیوں کے گیت گاؤ ہر رنج کو بھلاؤ
اوروں کو بھی ہنساؤ تم خود بھی مسکراؤ
دل میں نہ خوف لاؤ آگے قدم بڑھاؤ
تم ہو جواں وطن کے ملت کے کام آؤ
دل کو خوشی ملے گی ہر راستہ سجاؤ
بانٹو وطن میں خوشیاں تاکہ سکون پاؤ
آپس میں سب ہیں بھائی بغض و حسد مٹاؤ
ہے وقت کا تقاضا سب کو گلے لگاؤ
مسلم کا ہے یہ شیوہ نفرت کو بھول جاؤ
بجھنے نہ پائیں ہر گز ایسے ویسے جلاؤ
یہ سر زمیں تمہاری سب اس پہ جاں لٹاؤ
تم علم کی ضیاؔ دنیا کو جگمگاؤ ٭٭٭
اے زمین وطن
اے زمین وطن، آسمانِ وطن
تا قیامت رہے تیری شانِ وطن
نقش دنیا میں ہم نے ابھارے تیرے
خوں کی بارش سے منظر نکھارے ترے
اپنی منزل پہ ہے کاروانِ وطن
اے زمین وطن ، آسمانِ وطن
جو بھی پتھر تھے رہ میں، ہٹائے گئے
پودے پھولوں کے ہر سو لگائے گئے
کتنی رنگین ہے داستانِ وطن
اے زمین وطن آسمانِ وطن
آج مسرور ہیں تیرے پیرو جواں
تیرے پیرو جواں، عظمتوں کے نشاں
تیری سرحد کے ہیں یہ محافظ سبھی
ان میں نیر بھی ہے پاسبانِ وطن
٭٭٭
میں سائنسداں ہوں امان اﷲ نیر شوکت
میں سائنسداں ہوں کہ میں سائنسداں ہوں
مرے ذہن نے ایسی چیزیں بنائیں کسی کے جو وہم و گماں میں نہ آئیں
مری کوششوں کا یہ شیریں ثمر ہے مرے شوق ایجاد ہی کا اثر ہے
میں ہر وقت ہر دم اسی کا ہوں خواہاں کہ دنیا یہ بن جائے یکسر گلستاں
ترقی کی مجھ کو جو چاہت نہ ہوتی میسر ہمیں اتنی راحت نہ ہوتی
ترقی کا شیدا ہوں، شیدا رہوں گا یوں ہی سب کی خدمت میں کرتا رہوں گا
قدم میرے آگے بڑھے جا رہے ہیں خلا کے سفر میں مزے آرہے ہیں
ستارے، نظارے جو حد نظر ہیں سارے کے سارے میرے ہم سفر ہیں
ابھی تو بہت دور جانا ہے مجھ کو نشاں اپنی منزل کا پانا ہے مجھ کو ٭٭٭
کھلونے عباس العزم
بیچ رہا ہوں اونے پونے اچھے اور انمول کھلونے
آؤ بچو، دوڑ کے آؤ جلدی آؤ، دوڑ لگاؤ
یہ لے جاؤ، وہ لے جاؤ جلدی آؤ، جلدی پاؤ
پاکٹ میں ہیں پیسے جتنے بس سمجھو ہیں سستے اتنے
چیتا لے لو، ہاتھی لے لو آؤ اپنا ساتھی لے لو
گیدڑ ، لومڑ اور یہ بھالو بلی خالی، بلا خالو
کھیل دکھانے والا بندر پل میں باہر، پل میں اندر
یہ دیکھو یہ شیر ببر ہے سب سے بہادر اور نڈر ہے
طوطا لے لو، مینا لے لو جیسے چاہو ان سے کھیلو
رانی لے لو، راجا لے لو ڈھولک لے لو، باجا لے لو
بچو! مت اب دیر لگاؤ
سارے کھلونے تم لے جاؤ
٭٭٭
کام کریں
ساتھیو! کچھ جہاں میں کام کریں
پیدا دنیا میں اپنا نام کریں
لے کے اب عزم نو بڑھیں آگے علم و حکمت جہاں میں عام کریں
جس میں آئے کبھی نہ بادِ خزاں ایسے گلشن کا اہتمام کریں
اپنے چھوٹوں سے ہم کریں الفت اور بزرگوں کا احترام کریں
کامیابی ہمیں ہمیشہ ہو خوب محنت یوں صبح و شام کریں
ہو بلند اس قدر مقام اپنا چاند تارے ہمیں سلام کریں ٭٭٭
بگلا
نظریں اٹھا کے دیکھو، بگلوں کی ڈار آئی
اُڑتی ہوئی مزے سے ، ان کی قطار آئی
بگلوں کی ڈار میں ہے، تنظیم اور سلیقہ
اُڑتے ہیں ٹولیوں میں، بگلوں کا ہے طریقہ
ہیں بے شمار بگلے، موجود اس جہاں میں
چند ماہ روس میں ہیں، جاڑوں میں وہ یہاں ہیں
بگلے کی زندگی ہے، یا سال بھر سفر ہے!
اڑنا ہے کام اُن کا، ناپید مستقر ہے
اﷲ کی زمیں پر، کرتے ہیں وہ سیاحت جاری رہے گا اُن کا، یہ کام تا قیامت
وہ خوب جانتے ہیں، جانا انہیں کدھر ہے
پرواز کر رہے ہیں، اور زندگی سفر ہے
مل جل کے ساتھ رہنا، اور مچھلیاں پکڑنا
بگلوں کا مشغلہ ہے، دنیا کی سیر کرنا
اک جھیل کے کنارے، پہنچا ہے اُن کا لشکر
پرامن زندگی ہے، رہتے ہیں ساتھ مل کر
ہے جسم خوب صورت، گردن ہے اُس کی لمبی
دیکھیں جو دور سے تو ، لگتا ہے وہ صراحی
تالاب کے کنارے، ساکت کھڑا ہوا ہے مچھلی سمجھ رہی ہے، کھونٹا گڑا ہوا ہے
حرکت نہیں بدن میں، مسکین سی ہے صورت
کوئی اسے جو دیکھے، سمجھے گا اس کو مورت
بت کی طرح کھڑا ہے، اک پاؤں کو چھپا کر
گھنٹوں گزارتا ہے، دریا کے پاس اکثر
ہے چونچ اس کی لمبی، مضبوط اس کے پنجے
مچھلی شکار ہو کر ، سیدھی شکم میں پہنچے
پر ہیں سفید اس کے ، ٹانگیں ہیں اس کی لمبی
آزاد زندگی ہے، اس کی غذا ہے مچھلی
لپٹی ہوئی ہے شاید، اس کے بدن پہ چاندی!
یا اُس کے جسم پر ہے، اُجلی سفید وردی؟
چونا کہیں سے لایا اور جس پر لگایا؟
یا دودھ سے نہا کر، براق بن کر آیا
پانی کے پاس لائی اس کو غذا کی حاجت
اک ٹانگ پر کھڑا ہے، سہتا ہے وہ مصیبت
تالاب پر نظر ہے، اور گھات ہے لگائے
مچھلی جو پاس آئے، بے چاری ماری جائے
لگتا ہے بھولا بھالا، معصوم سی ہے صورت
کیا گل کھلا رہی ہے، خوراک کی ضرورت
غوطے لگا لگا کر، دریا سے ماہی لائے اور پھر مزے مزے سے اپنا شکار کھائے
بگلا ہے اک پرندہ، کوا بھی اک پرندہ بگلے میں ہے قناعت، کوا ہوس کا بندہ
عادت الگ الگ ہے، رنگ بھی جدا جدا ہے بگلا سفید ابرق، وہ کالا کوئلہ ہے
ہر کام میں خدا کی، ہوتی ہے خاص حکمت
انسان غور کر کے ، پاتا ہے کچھ حقیقت
بگلا ہو یا ہو کوا، قدرت کے ہیں کرشمے
کوئی برا نہیں ہے، سب ہیں جہان میں اچھے
حیوان اور پرندے، سب ہیں خدا کی خلقت
ہے علم کی بدولت ، انسان کی فضیلت
٭٭٭
فرہنگ:
ناپید مستقر ہے: ۔۔۔ مستقل ٹھکانہ کہیں نہیں حاجت ۔۔۔ ضرورت گھات لگانا۔۔۔ شکار کے لیے موقع تاکنا ماہی۔۔۔ مچھلی قناعت۔۔۔ تھوڑی چیز پر خوش رہنا ہوس۔۔۔ لالچ، حرص فضیلت۔۔۔ بڑائی
ماخذ: http://bazmesathi.org/ تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
ساتھی! نظم سنو
’ساتھی‘ رسالے کی نظمیں
جمع و ترتیب: اعجاز عبید
اﷲ سوہنا۔۔۔ اﷲ سوہنا
سب کی جھولی بھرنے والا
سب سے برتر سب سے بالا
اﷲ سوہنا اﷲ سوہنا
سب کی منزل سب کا رستہ
سب سے ارفع سب سے اعلیٰ
اﷲ سوہنا اﷲ سوہنا
سب کے عیب چھپانے والا
بگڑی بات بنانے والا
اﷲ سوہنا اﷲ سوہنا
سب کا رازق سب کا داتا
سب کا خالق سب کا اپنا
اﷲ سوہنا اﷲ سوہنا
بے شک سب سے اعلیٰ حاکم
بے شک سب سے سچا حاکم
اﷲ سوہنا اﷲ سوہنا
چاہے گورا ہو یا کالا
سب کی وہ ہے سننے والا
اﷲ سوہنا اﷲ سوہنا
راز شریفؔ سب کھول رہے ہیں
اب تو پتھر بول رہے ہیں
اﷲ سوہنا اﷲ سوہنا
پڑھنے میں مشکل؟؟؟
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)