اردو شاعری و کلام

سخن آباد

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (13,353 الفاظ)

سخن آباد

منظور ہاشمی

فضائیں نغمہ پرور خلوتِ جاں شاد کرتے ہیں
ہم اپنے خانۂ دل میں سخن آباد کرتے ہیں

سخن آباد

منظور ہاشمی

اشاعت : 2005
کمپوزنگ : مشکوٰۃ کمپیوٹرس رفیق کمپلکس علی گڑھ
ترتیب و انتخاب : راحت حسن
٭ مصنّف : منظور ہاشمی.17 بدر باغ علی گڑھ 202002
فون نمبر : 71-2701425 05

مشمولات
روزنِ جاں 12
نعت پاک 13
نعت شریف 14
شرارِ جاں سے دہک رہے ہیں چراغ اور میں 15
وفورِ شوق میں جب بھی کلام کرتے ہیں 16
دھوپ بن میں پگھل رہا ہوں میں 17
جو کھلی چمن میں نئی کلی تو وہ جشنِ صوت و صدا ہوا 18
بہت گمان تھا موسم شناس ہونے کا 19
خوشبو نے جب وجد میں آ کر رقص کیا 20
شدید گرمی میں پہلے ان کو ندی میں نہلا دیا گیا ہے 21
کمالِ حسن و جمال اگر دیکھنے کی خواہش ہے زندگی میں 22
بجھی آنکھوں کو بھی پُرآب رکھنا چاہتے ہیں 23
بہت گمان اسے اپنے سرخ رو کا تھا 24
پیدا ہونے سے پہلے مر جاتا ہے 25
سفر منجملۂ اسباب سے آگے بھی ہے 26
کھِلی ہے چاندنی اور شاہزادے کی سواری آنے والی ہے 27
خواب کچھ شاداب شاخوں کے دکھا کر لے گیا 28
بدن کو زخم کریں خاک کو لبادہ کریں 29
کوئی پوچھے تو نہ کہنا کہ ابھی زندہ ہوں 30
سحر کی پہلی کرن کو سہارا کرتے ہیں 31
نئی زمیں نہ کوئی آسمان مانگتے ہیں 32
آسماں کے آنگن میں بدلیاں نکلتی ہیں 33
کبھی تو یوں ہو کہ دونوں کا کام چل جائے 34
کوئے سخن میں لفظ تو جادو بن کر رہتے ہیں 35
سر پہ تھی کڑی دھوپ بس اتنا ہی نہیں تھا 36
جس شاخ کی فصل پک رہی ہے 37
عجیب حال یہاں دھوپ کے دیار میں تھا 38
جانے کس کس کو مددگار بنا دیتا ہے ؟ 39
ہر اک پتہ اگر پنکھا جھلے گا 40
وہ تیر چھوڑا ہوا تو اسی کمان کا تھا 41
جلا دیا ہے چراغ ایسا کہ لوگ جس کی مثال دیں گے 42
دل میں جو بات ہے وہ کھولتا ہے 44
آج تو فرطِ شوق میں ایسا کمال ہو گیا 45
خیال وشوق کو جب ہم تری تصویر کرتے ہیں 46
پتہ نشان تو اس نے نہیں بتایا تھا 47
آنکھوں سے ہوکے میری بہا ہی کچھ اور تھا 48
نہ سنتی ہے نہ کہنا چاہتی ہے 49
کٹی پھٹی ہوئی تحریر لے کے آیا تھا 50
نہ منزلوں کے رہے ہم نہ گھر کے کام کے تھے 51
کاٹتے بھی ہیں اسی فصل کو بونے والے 52
وہ جو دنیا تھی مرے خواب میں زندہ ہے ابھی 53
سنو کہ اب بھی سمندر انہیں بلاتے ہیں 54
فوج کی آخری صف ہو جاؤں 55
روزنِ شوق 56
جب قصہ یاد کیا ہم نے اپنی پہلی نادانی کا 57
یہ بات مان گئے آج آپ سے مل کے 58
الفاظ سے سجا کے دلہن کر کے دیکھ لیں 59
جھوم رہی تھی خوشبو رقصاں پھول گلاب کے تھے 60
گرمیِ شوق ہے کہ سینے میں 61
یقین ہو تو کوئی راستہ نکلتا ہے 62
طلب میں اب کے نادانی بہت ہے 63
کب کسی اور کو گردانتے ہیں 64
دھواں اٹھنے لگا جب دشتِ جاں سے 65
سرور وکیف کا سیلاب سا ڈبونے لگا 66
دکھوں کے موڑ پہ اکثر مجھے ملا وہ شخص 67
پرشور سمندر میں سرِ آب بھی میں تھا 68
حیات بٹنے لگی ہے فنا کے ہاتھوں سے 69
رسم ہی نیند کی آنکھوں سے اٹھا دی گئی کیا؟ 70
لکھی نہ ہو تو زبانی بچا کے رکھنا ہے 71
کبھی تو ایسے مل جائیں بام و در سارے 72
کرتے رہتے تھے خوب دیدِ بدن 73
آؤ دیارِ شوق میں وہ ہاؤہو کریں 74
لکھ رہا تھا میں داستاں اس کی 75
بجھ چکی آگ مگر راکھ میں گرمی ہے ابھی 76
مٹی مٹی سی سہی کچھ نشانیاں تو ہیں 77
اک ایسی بات کرنا چاہتا ہوں 78
ابھی تو شاخوں کا پچھلے موسم سے رابطہ ہے 79
کچھ اور مزا آتا اس طول بیانی میں 80
سمجھ رہے تھے کہ ہے سر کا امتحاں دیوار 81
وہ کم سخن جو کسی بات پر بگڑ جائے 82
کھِلا بھی دیتے ہیں کلیاں مَسل بھی دیتے ہیں 83
جانتا ہوں کہ مرے ہاتھ تو جل جائیں گے 84
لٹا دیے تھے کبھی جو خزانے ڈھونڈھتے ہیں 85
آتشِ شوق سے بیتاب تھی دیوانی ہوا 86
کبھی کبھی جو من و تو کی قید ہٹ گئی تھی 87
کچھ تو تعمیر بھی پرانی ہے 88
خیال و وہم و گماں سے بھی ماورا ہو جائے 89
غضب تو یہ تھا کہ وہ ترجمان اس کی تھی 90
ہر ایک قطرہ پشیمان سا نکلتا ہے 91
گزرے ہوئے تمام مناظر نظر میں ہیں 92
اگر نہیں ہے مری پیاس کے مقدر میں 93
اداس لمحے کبھی اتنے خوف زاد نہ آئیں 94
دشت میں رہ کر چمن کی گفتگو کرتے رہے 95
روزنِ دل 96
کھلے تھے ایسے کبھی موسمِ شباب کے پھول 97
خطوط پتوں پہ لکھے ہوئے بھی آئے ہیں 98
اس طرح نگاہوں پہ نہ چھا جائے کوئی اور 99
یوں تو دیوار و دَر بھی کہتے ہیں 100
اگر یہ منظر سراب ہوتا 101
یہ سوچ کر بھی دل کو تسلّی ملی تو ہے 102
آباد نہیں ایسا کوئی شہر گماں اور 103
انہی پتوں پہ مٹی مل رہی ہے 104
جب دھوپ کے صید ہو گئے ہیں 105
کچھ خیالِ دلِ ناشاد تو کر لینا تھا 106
جیب میں درہم و دینار ہوا کرتے تھے 107
خوشبوئیں جس کا گھر بساتی ہیں 108
یہاں وہاں مجھے حیران کرتی رہتی ہے 109
وہی کشتی وہی منجدھار بھی ہے 110
پہلے تو بس اک شعلہ نکلتے ہوئے دیکھا 111
وفا کے نام پہ یہ امتحان بھی دے دوں 112
یہ جو منظر ہیں اگر آنکھوں میں بس جائیں گے 113
یہی نہیں کہ بس اک سائبان ٹوٹتا ہے 114
اپنا احساس چھوڑ جاتا ہے 115
کبھی تو اتنا بڑھایا وفورِ تنہائی 116
کسی بہانے سہی دل لہو تو ہونا ہے 117
اس دل کے خونی دریا میں ہم پہلی بار نہیں اترے 118
وہ آس پاس نہیں پھر یہ سلسلہ کیسا؟ 119
دلوں کی ساری کدورت کو صاف کرنے کو 120
ہوائے تازہ چلی ہے اِدھر بھی آئے گی 121
لفظوں کی تصویریں اور صدا کے رنگ بکھرتے ہیں 122
دکھوں کے جتنے ہیں منظر اگر شمار سکو 123
ہریالی کی آس جگادی جنگل میں 124
اگر سچّا سخنور ہے بولتا ہے 125
وہی پرانا نئے میں ڈھل کر آ جاتا ہے 126
سراغ اس کا اب ایسے لگاکے دیکھوں گا 127
اثر دعا کا کبھی یوں بھی آشکار کیا 128
سخن جب بھی ہم اس کے اسم سے آغاز کرتے ہیں 129
کہیں شہرِ سبا آباد ہو جائے 130
روزنِ ملال 131
اسعدؔ ! یہ نظم تمہارے لئے 132
ایک غزل اسعدؔ کے نام 134
گجرات I 135
ایک غزل امن کی پہل کے نام* 138
کاش 139
گھر 141
یہ غزل تیستاسیتلواد*کے نام 143

انتساب

اپنے والدین اور ان کے چمن کی چوتھی فصل

سمیر نتاشا
نبیل عنبرین
سہیم اور
عامر ریم
امروز
اور فواذ
کے نام

روزنِ جاں

نعت پاک

اک گھرانہ پھول والا ایک گھر خوشبو کا ہے
بس اسی کے فیض سے سارا نگر خوشبو کا ہے
سبز گنبد چومتے رہتے ہیں جتنے بھی پرند
ان کے لب خوشبو کے ہیں اک ایک پَر خوشبو کا ہے
مدتیں گزریں کہ گزرا تھا کوئی مشکیں بدن
آج تک ان راستوں ہی میں گزر خوشبو کا ہے
باغِ جنّت کا چراغاں کیا کہ شہرِ شوق میں
ہر علاقہ نور کا ہے ہر شجر خوشبو کا ہے
یوں ہی اٹھلا کے نہیں چلتی وہاں بادِ نسیم
ایک اک جھونکا ہَوا کا نامہ بر خوشبو کا ہے
ہر طرف پھولوں کا موسم ہے سرِ راہِ خیال
جیسے ان کو سوچتے رہنا سفر خوشبو کا ہے

نعت شریف

نذر میرے نبیؐ کے جب ہو جائیں
لفظ اور شعر با ادب ہو جائیں
اپنی آنکھوں سے سوچ کر دیکھوں
وہ مری دیدبان اب ہو جائیں
اور یوں ہو بدن کے سب اعضاء
ذکر میں ان کے نطق و لب ہو جائیں
میرا دل میری آنکھیں میری جان
ان پہ قربان سب کے سب ہو جائیں
اپنے دکھ درد پہ میں واری جاؤں
مرحمت کا اگر سبب ہو جائیں
کاش گن لیں غلام زادوں میں
ہم بھی پھر صاحبِ نسب ہو جائیں
***

شرارِ جاں سے دہک رہے ہیں چراغ اور میں
سیاہ شب میں چمک رہے ہیں چراغ اور میں
بصارتیں بھی وہاں وہاں بانٹ دی گئی ہیں
جہاں جہاں دیر تک رہے ہیں چراغ اور میں
گلاب رت کی بشارتیں ہم سے مل رہی ہیں
کہ جلتے جلتے مہک رہے ہیں چراغ اور میں
کبھی تو بستی میں روشنی کی بھی قدر ہو گی
ابھی تو در در بھٹک رہے ہیں چراغ اور میں
نئی سحر نے بھی دھند میں منھ چھپا لیا ہے
دھوئیں سے سر اپنا ڈھک رہے ہیں چراغ اور میں
دیارِ ظلمت میں پرچمِ نور کیوں اٹھایا؟
اسی لیے اب کھٹک رہے ہیں چراغ اور میں
تمام شب کا خمار ٹوٹے تو نور پھوٹے
ابھی تو پلکیں جَھپک رہے ہیں چراغ اور میں
***

وفورِ شوق میں جب بھی کلام کرتے ہیں
تو حرف حرف کو حُسنِ تمام کرتے ہیں
گَھنے درختوں کے سائے کی عمر لمبی ہو
کہ ان کے نیچے مسافر قیام کرتے ہیں
اُسے پسند نہیں خواب کا حوالہ بھی
تو ہم بھی آنکھ پہ نیندیں حرام کرتے ہیں
نہ خوشبوؤں کو پتہ ہے نہ رنگ جانتے ہیں
پرند پھولوں سے کیسے کلام کرتے ہیں ؟
رواں دواں ہیں ہوا پر سواریاں کیسی؟
جنھیں درخت بھی جھک کر سلام کرتے ہیں
چمن میں جب سے اسے سیر کرتے دیکھ لیا
اُسی ادا سے غزالاں خرام کرتے ہیں
اب اس کو یاد نہ ہو گا ہمارا چہرہ بھی
تمام شاعری ہم جس کے نام کرتے ہیں
***

دھوپ بن میں پگھل رہا ہوں میں
لیکن آہن میں ڈھل رہا ہوں میں
راستہ دوسرا نکالا ہے
اب تو پانی پہ چل رہا ہوں میں
یہ تراش و خراش راس آئی
کٹ رہا ہوں تو پھل رہا ہوں میں
اب کڑے فیصلوں کی باری ہے
کشمکش سے نکل رہا ہوں میں
راستہ تو بدل کے دیکھ لیا
اب کے منزل بدل رہا ہوں میں
اُس شجر کو ہرا بھرا رکھوں ؟
جس کے سائے میں جل رہا ہوں میں
***

جو کھلی چمن میں نئی کلی تو وہ جشنِ صوت و صدا ہوا
کہیں بلبلیں ہوئیں نغمہ زن کہیں رقصِ بادِ صبا ہوا
کوئی پھول خوشبو سے چور ساکوئی رنگ حلقۂ نور سا
کوئی حسن غیرتِ حور ساترے نام سارا لکھا ہوا
وہ بچھڑ گیا تو پتہ چلا کہ تھا سخت کتنا یہ حادثہ
گیا نور جیسے چراغ کا کہ بدن سے عکس جدا ہوا
جو سوار راہِ زیاں کے تھے کہیں نام اب کے نہ کر سکے
نہ جنوں میں سرخ ہوئی زمیں نہ سکوں میں دشت ہرا ہوا
مری جنگ میرے ہی ساتھ تھی کہ حریف بھی تھا حلیف بھی
کبھی دوستوں میں گھرا ہوا کبھی دشمنوں سے ملا ہوا
وہ ہَوا چلی کہ مرے چمن ہوئے راکھ اور دھوئیں کے بن
کہ ہرے شجر بھی سلگ اٹھے یہ بھری بہار میں کیا ہوا؟
***

بہت گمان تھا موسم شناس ہونے کا
وہی بہانہ بنا ہے اداس ہونے کا
بدن کو کاڑھ لیا زخم کے گلابوں سے
تو شوق پورا کیا خوش لباس ہونے کا
فضا مہکنے لگے روشنی جھلکنے لگے
تو یہ نشاں ہے ترے آس پاس ہونے کا
گلوں کے بیچ وہ چہرہ کھلا تو ہر تتلی
تماشا کرنے لگی بدحواس ہونے کا
اُسے بھی شوق تھا بے وجہ دل دکھانے کا
سو ہم نے کھیل رچایا اداس ہونے کا
نئے سفرپہ روانہ تو ہم بھی ہو جاتے
بس انتظار تھا موسم کے راس ہونے کا
نظر میں خاک ہوئے گلرخاں بھی جب سے ہمیں
شرف ملا ہے ترے روشناس ہونے کا
***

خوشبو نے جب وجد میں آ کر رقص کیا
غنچہ و گل نے ہاتھ ملا کر رقص کیا
مٹی بھی پہلی بارش سے مست ہوئی
پانی کے دو گھونٹ چڑھا کر رقص کیا
صحنِ چمن میں رنگوں کا آنچل لہرایا
تتلی نے جب پَر پھیلا کر رقص کیا
صبر و ضبط کی سب زنجیریں ٹوٹ گئیں
زنداں کی خوشخبری پاکر رقص کیا
اس میں مرنے والے جب شہداء کہلائے
ہم نے اس کوچے میں جا کر رقص کیا
وحشت کی شدّت کو سرد کیا یوں بھی
انگاروں کا فرش بچھا کر رقص کیا
گویائی کا فن آنکھوں نے سیکھ لیا
خاموشی کو نطق بنا کر رقص کیا
***

شدید گرمی میں پہلے ان کو ندی میں نہلا دیا گیا ہے
ہَوا میں پھر گیلے بادلوں کو جھٹک کے پھیلا دیا گیا ہے
گزرنے والی ہے اپنے تختِ رواں پہ صرصر کی شاہزادی
تمام شہروں میں جنگلوں میں ہوا سے کہلا دیا گیا ہے
گرجتے بادل کڑکتی بجلی مچلتی موجوں کی منھ زبانی
جو ہونے والا ہے اس کا احوال پہلے بتلا دیا گیا ہے
سخی کے دولت کدے پہ جاری ہے کھیل اب بھی نوازشوں کا
کہ صرف وعدوں کی بھیک سے سائلوں کو بہلا دیا گیا ہے
وہی پرانے دکھوں کے منظر نئی رتوں کے نصاب میں ہیں
ذرا سا خاکہ بدل کے پچھلے سبق کو دُہرا دیا گیا ہے
کھِلا دئے پھول روشنی کے فلک پہ تاروں کی انجمن میں
گلاب زادوں کی کہکشاں کا زمیں کو تحفہ دیا گیا ہے

کمالِ حسن و جمال اگر دیکھنے کی خواہش ہے زندگی میں
تو دیکھ لینا کسی دن اس کو ہمارے لفظوں کی روشنی میں
ہ تتلیاں دیوداسیاں ہیں کھِلے ہوئے پھول مندروں کی
نثار کرتی ہیں عمر ان کے طواف میں رقصِ بندگی میں
گلاب کی اشکبار آنکھوں سے کیا ٹپکنے لگا لہوسا؟
یہ حال کیا کر لیا گیا ہے ؟ ہمارے زخموں کی دوستی میں
سفید اجلے پرند اڑ کر چلے تو ہیں آسماں کی جانب
مری دعا کے سفیر جاتے ہوں جیسے دربارِ خُسروی میں
وہ اسم پھر ذہن و دل کے میرے قریب چمکا کچھ اس طرح سے
چراغ جیسے جلا دیا ہو کسی نے زنداں کی تیرگی میں
بجھے ہوئے سیکڑوں چراغوں کی راکھ آنکھوں میں بھر گئی ہے
مگر اضافہ بھی کر گئی آنسوؤں کی بہتی ہوئی ندی میں
بیان کیا ہے مراد کیا ہے کسے وسیلہ بنا رہے ہو
نہ جانے کیا گل کھِلا رہے ہو تم اب کے میدانِ شاعری میں
***

بجھی آنکھوں کو بھی پُر آب رکھنا چاہتے ہیں
کہ ہم صحرا کو بھی شاداب رکھنا چاہتے ہیں
ہمیں مٹّی کی یہ پوشاک پیاری ہے تو اس کو
حریفِ اطلس و کمخواب رکھنا چاہتے ہیں
شفق کے پاس ہو خونِ تمنا کا ٹھکانہ
وہاں اک منظرِ نایاب رکھنا چاہتے ہیں
تمنا رنگ لائے گی کسی بھی دن تو ہم بھی
رگوں میں خون کو بیتاب رکھنا چاہتے ہیں
جو اپنی نیند کی پونجی بھی کب کی کھو چکی ہیں
انہیں آنکھوں میں ہم اک خواب رکھنا چاہتے ہیں
ہماری آنکھ میں اک بوند تو باقی ہے اب بھی
اسی قطرے میں اک سیلاب رکھنا چاہتے ہیں
***

بہت گمان اسے اپنے سرخ رو کا تھا
مگر یہ رنگ کسی اور کے لہو کا تھا
میں اس میں ڈوب گیا ہوں تو کیا تعجب ہے
کہ ہر طرف مرے سیلاب رنگ و بو کا تھا
تمام حرف و نوا خرچ کر کے بیٹھ گئے
ہمیں بھی شوق بہت اس سے گفتگو کا تھا
اِس آسمان سے میں ہار مان تو جاتا
مگر سوال زمیں کی بھی آبرو کا تھا
ہر ایک بوند کا دینا پڑا حساب مجھے
کہ جاں پہ قرض تھا جتنا وہ سب لہو کا تھا
***

پیدا ہونے سے پہلے مر جاتا ہے
میرا کل بھی آج گزر جاتا ہے
لفظوں کی تصویریں بننے لگتی ہیں
اس کا لہجہ جادو سا کر جاتا ہے
آوازوں کی گود میں پلنے والا بھی
سناٹے کی آہٹ سے ڈر جاتا ہے
ایسا وقت بھی آ جاتا ہے جب اپنی
جان بچائے رکھنے میں سر جاتا ہے
پھولوں کا موسم ہے اس کا ہمراہی
سارا رستہ خوشبو سے بھر جاتا ہے
مٹّی کی خوشبو بھی پیچھا کرتی ہے
پہلا گھر بھی باہر کے گھر جاتا ہے
اچھے خاصے سیدھے سادے لوگوں کو
بس اک لمحہ دیوانہ کر جاتا ہے
***

سفر منجملۂ اسباب سے آگے بھی ہے
کوئی منزل خیال و خواب سے آگے بھی ہے
چمک اٹھتی ہے کوئی شے افق کے پار جیسے
تحیّر جلوۂ نایاب سے آگے بھی ہے
تعلق کی حدیں بھی دور تک پھیلی ہوئی ہیں
کہ قصّہ عشق کے ابواب سے آگے بھی ہے
دیارِ شب میں روشن ہیں نئے رستے سفر کے
کوئی گھر انجم و مہتاب سے آگے بھی ہے
اشارے کر رہا ہے سرخ کرنوں کا کنارا
کوئی شعلہ اسی برفاب سے آگے بھی ہے
سمندر کا سفر تو اک مسلسل امتحاں ہے
ہَوا کا جال اس گرداب سے آگے بھی ہے
سمندر کی خموشی میں تباہی تہ نشیں ہے
کہ طوفاں ساحلِ پایاب سے آگے بھی ہے
***

کھِلی ہے چاندنی اور شاہزادے کی سواری آنے والی ہے
کنیزانِ چمن آراستہ ہیں آج باری آنے والی ہے
ہَواؤں سے لرزتی کانپتی شاخیں وظیفہ پڑھتی رہتی ہیں
کہ یہ ساعت گزر جائے تو پھر بادِ بہاری آنے والی ہے
تماشا دیکھنے میں اس قدر کھوئے کہ یہ بھی بھول بیٹھے ہیں
کہ اس ناٹک میں اب اپنی بھی باری آنے والی ہے
دیارِ جاں میں لگتا ہے کہ اک آتش فشاں پھر پھٹنے والا ہے
ہمارے بند ہونٹوں تک دلوں کی آہ و زاری آنے والی ہے
مرے لفظوں کے ماتھے پر معانی کی نئی تحریر روشن ہے
کہ حصے میں مرے اب کے سخن کی شہر یاری آنے والی ہے
***

خواب کچھ شاداب شاخوں کے دکھا کر لے گیا
زرد پتوں کو ہر اک جھونکا اڑا کر لے گیا
موم کے پتلے تھے ہم اور گرم ہاتھوں میں رہے
جس نے جو چاہا ہمیں ویسا بنا کر لے گیا
تھک چکا تھا میں مگر ہو شوقِ منزل کا بھلا
راستے بھر اپنے ہاتھوں پر اٹھا کر لے گیا
جس کے پانی کو دعا دیتی رہی پیاسی زمیں
ایک دن فصلیں وہی دریا بہا کر لے گیا
راستے کی چیز تھا میں جس کی نظریں پڑ گئیں
وہ مسافر اپنی مٹھی میں دبا کر لے گیا
***

بدن کو زخم کریں خاک کو لبادہ کریں
جنوں کی بھولی ہوئی رسم کا اعادہ کریں
تمام اگلے زمانوں کو یہ اجازت ہے
ہمارے عہدِ گذشتہ سے استفادہ کریں
انہیں اگر مری وحشت کو آزمانا ہے
زمیں کو سخت کریں دشت کو کشادہ کریں
چلو لہو بھی چراغوں کی نذر کر دیں گے
یہ شرط ہے کہ وہ پھر روشنی زیادہ کریں
سنا ہے سچی ہو نیّت تو راہ کھلتی ہے
چلو سفر نہ کریں کم سے کم ارادہ کریں
***

کوئی پوچھے تو نہ کہنا کہ ابھی زندہ ہوں
وقت کی کوکھ میں اک لمحۂ آئندہ ہوں
زندگی کتنی حسیں کتنی بڑی نعمت ہے
آہ! میں ہوں کہ اسے پا کے بھی شرمندہ ہوں
اجنبی جان کے ہر شخص گزر جاتا ہے
اور صدیوں سے اسی شہر کا باشندہ ہوں
زندگی تو جو سنے گی تو ہنسی آئے گی
لوگ کہتے ہیں کہ میں تیرا نمائندہ ہوں
آئی حصّے میں مرے ڈوبتے سورج کی کرن
اس وراثت سے مگر آج بھی تابندہ ہوں
تیز رفتار ہوائیں مجھے دہراتی ہیں
حرفِ آخر ہوں میں اک نغمۂ پائندہ ہوں
***

سحر کی پہلی کرن کو سہارا کرتے ہیں
پھر اپنے اپنے دکھوں پر گزارا کرتے ہیں
فراق بچھڑی ہوئی خوشبوؤں کا سہہ نہ سکیں
تو پھول اپنا بدن پارا پارا کرتے ہیں
سیاہ رات نے یہ بھی ہنر سکھایا ہے
کہ جگنوؤں کو بھی کیسے ستارا کرتے ہیں
بہت دنوں سے تو وہ یاد بھی نہیں آیا
تو پھر یہ نیند میں کس کو پکارا کرتے ہیں ؟
نہا کے پنکھ سکھاتی ہے دھوپ میں تتلی
تو رنگ اپنی نظر خود اتارا کرتے ہیں
کبھی گلاب کبھی چاندنی کبھی خوشبو
ہے ایک شخص جسے استعارا کرتے ہیں
***

نئی زمیں نہ کوئی آسمان مانگتے ہیں
بس ایک گوشۂ امن و امان مانگتے ہیں
کچھ اب کے دھوپ کا ایسا مزاج بگڑا ہے
درخت بھی تو یہاں سائبان مانگتے ہیں
ہمیں بھی آپ سے اک بات عرض کرنا ہے
پر اپنی جان کی پہلے امان مانگتے ہیں
قبول کیسے کروں ان کا فیصلہ کہ یہ لوگ
مرے خلاف ہی میرا بیان مانگتے ہیں
ہدف بھی مجھ کو بنانا ہے اور میرے حریف
مجھی سے تیر مجھی سے کمان مانگتے ہیں
نئی فضا کے پرندے ہیں کتنے متوالے
کہ بال و پر سے بھی پہلے اڑان مانگتے ہیں

آسماں کے آنگن میں بدلیاں نکلتی ہیں
یا خلا کے جنگل کی ہرنیاں نکلتی ہیں ؟
چاندنی کے پردے میں چھپ کے رات کو اکثر
روشنی کے مندر کی دیویاں نکلتی ہیں
خوشبوؤں کو حاصل ہے اعتماد پھولوں کا
رنگ کی سفارش پر تتلیاں نکلتی ہیں
فتح کر کے آنا ہے رات کے سمندر کو
خواب کے جزیروں سے کشتیاں نکلتی ہیں
آس بھی ہو سینے میں راس آئے موسم بھی
تب اداس شاخوں پر پتیاں نکلتی ہیں
جانے پچھلے موسم میں کیسے بیج بوئے تھے ؟
اب ہری زمینوں سے سرخیاں نکلتی ہیں
***

کبھی تو یوں ہو کہ دونوں کا کام چل جائے
ہَوا بھی چلتی رہے اور دیا بھی جل جائے
یہی لگے کہ حقیقت میں کچھ ہوا ہی نہ تھا
جو سانحہ تھا کسی خواب میں بدل جائے
ڈرو کہ وقت کے ہاتھوں میں ساری بازی ہے
نہ جانے کون سی کس وقت چال چل جائے
نشانیاں بھی ملیں گی پرانے موسم کی
ذرا ہوا تو رکے برف تو پگھل جائے
تمام باغ کو حیرت میں ڈال دے کوئی
خزاں کے دور میں میرا درخت پھل جائے
اترتے رہتے ہیں بیڑے اُدھر کنارے پر
کبھی ہماری طرف کی ہَوا بھی چل جائے
***

کوئے سخن میں لفظ تو جادو بن کر رہتے ہیں
اور معانی پھول کی خوشبو بن کر رہتے ہیں
نیند کی ساری پونجی کر کے تعبیروں کے نام
خواب ہماری آنکھ میں آنسو بن کر رہتے ہیں
ذہن کے باغیچے میں رقصاں شعر وسخن کے پیکر
دن کو تتلی رات کو جگنو بن کر رہتے ہیں
دل کے کچھ ارمانوں کو یہ بھی معلوم نہیں
جانے کس کے جوگ میں سادھو بن کر رہتے ہیں
لطف و کرم کی آس میں اکثر اس کے دیوانے
دشتِ طلب میں گھائل آہو بن کر رہتے ہیں
***

سر پہ تھی کڑی دھوپ بس اتنا ہی نہیں تھا
اُس شہر کے پیڑوں میں تو سایا ہی نہیں تھا
پانی میں ذرا دیر کو ہلچل تو ہوئی تھی
پھر یوں تھا کہ جیسے کوئی ڈوبا ہی نہیں تھا
لکھے تھے سفر پاؤں میں کس طرح ٹھہرتے
اور یہ بھی کہ تم نے تو پکارا ہی نہیں تھا
اپنی ہی نگاہوں پہ بھروسہ نہ رہے گا
تم اتنا بدل جاؤ گے سوچا ہی نہیں تھا
کندہ تھے مرے ذہن پہ کیوں اس کے خد و خال
چہرہ جو مری آنکھ نے دیکھا ہی نہیں تھا
***

جس شاخ کی فصل پک رہی ہے
کٹنے کو وہ خود لچک رہی ہے
اچھی ہے یہ زندگی کہ سر پر
تلوار سی اک لٹک رہی ہے
یا آج وہ لب کشا ہوا ہے ؟
یا کوئی کلی چٹک رہی ہے ؟
یا اور چراغ جل اٹھے ہیں ؟
یا آخری لَو بھڑک رہی ہے ؟
یا آسمان ہی پھٹ پڑا ہے ؟
یا آنکھ مری چھلک رہی ہے ؟
اک بات چبھی تھی دل میں ایسی
سینے میں ابھی کھٹک رہی ہے
اک پھول کھلا تھا اور اب تک
یادوں کی گلی مہک رہی ہے
***

عجیب حال یہاں دھوپ کے دیار میں تھا
شجر خود اپنے ہی سائے کے انتظار میں تھا
نہ جانے کون سے موسم میں پھول کھلتے ہیں ؟
یہی سوال خزاں میں یہی بہار میں تھا
ہر ایک سمت سے لشکر ہوا کے آئے تھے
اور اک چراغ ہی میدانِ کار زار میں تھا
کھنچی ہوئی تھی مرے گرد واہموں کی لکیر
میں قید اپنے بنائے ہوئے حصار میں تھا
کوئی مکیں تھا نہ مہمان آنے والا تھا
تو پھر کواڑ کھلا کس کے انتظار میں تھا؟
مرے شجر پہ مگر پھول پھل نہیں آئے
وہ یوں تو پھلتے درختوں ہی کی قطار میں تھا
***

جانے کس کس کو مددگار بنا دیتا ہے ؟
وہ تو تنکے کو بھی پتوار بنا دیتا ہے
ایک اک اینٹ گراتا ہوں میں دن بھر لیکن
رات میں پھر کوئی دیوار بنا دیتا ہے
وہ کچھ ایسا ہے گزرتا ہے اِدھر سے جب بھی
شہر کو مصر کا بازار بنا دیتا ہے
لفظ ان ہونٹوں پہ پھولوں کی طرح کھلتے ہیں
بات کرتا ہے تو گلزار بنا دیتا ہے
مسئلہ ایسا نہیں ہے مرا ہمدرد مگر
کچھ اسے اور بھی دشوار بنا دیتا ہے
جنگ ہو جائے ہواؤں سے تو ہر ایک شجر
نرم شاخوں کو بھی تلوار بنا دیتا ہے
***

ہر اک پتہ اگر پنکھا جھلے گا
شجر بھی دھوپ میں پھولے پھلے گا
کوئی لمحہ مری انگلی پکڑ کر
سنہرے وقت کے گھر لے چلے گا
انہیں کی روشنی زندہ رہے گی
لہو بھی جن چراغوں میں جلے گا
ہمارے ساتھ بھی چلتا ہے رستہ
ہمارے بعد بھی رستہ چلے گا
ہمیں کندن کرے یا راکھ کر دے
تبھی شاید یہ سورج بھی ڈھلے گا؟
وہ موسم برکتوں والا تو آئے
ہمارا باغ بھی پھولے پھلے گا
***

وہ تیر چھوڑا ہوا تو اسی کمان کا تھا
اگرچہ ہاتھ کسی اور مہربان کا تھا
گزر رہا تھا وہ لمحہ جو درمیان کا تھا
مگر یہ وقت بڑے سخت امتحان کا تھا
پتہ نہیں کہ جدا ہوکے کیسے زندہ ہیں
ہمارا اس کا تعلق تو جسم و جان کا تھا
وہی کہانی کبھی جھوٹ تھی کبھی سچ تھی
ذراسا فرق اگر تھا تو بس بیان کا تھا
قدم قدم پہ نئے منظروں کی حیرت تھی
تِری گلی کا سفر تھا کہ اک جہان کا تھا؟
ہم اپنے نام کے حصّے کو ڈھونڈھتے بھی کہاں ؟
زمیں کے پاس تو جو کچھ تھا آسمان کا تھا
***

جلا دیا ہے چراغ ایسا کہ لوگ جس کی مثال دیں گے
بری نظر سے ہوا نے دیکھا تو اس کی آنکھیں نکال دیں گے

سنا ہے پتھر کو موم کرنے کا بس وہی ایک راستہ ہے
حرارتیں خونِ آرزو کی بھی اب کے اشکوں میں ڈال دیں گے

سنا ہے سینے کی دھڑکنیں اس کی آہٹوں سے جڑی ہوئی ہیں
تو ہم سماعت کو شوق کے آئینے میں اس بار ڈھال دیں گے

سنا ہے منزل تلک نہیں ہے بنا بنایا سا کوئی رستہ
چلو تو اب کے سفر میں اچھاسا راستہ بھی نکال دیں گے

سنا ہے راہِ طلب کے راہی سے نقد جاں مانگنے لگے ہیں
سوال ہم سے کیا کسی نے تو ہم تو سن کے بھی ٹال دیں گے

سنا ہے اس رات کے سفر میں اگر چلیں گے وہ نام لے کر
تو اتنا چمکیں گے حرف اس کے کہ راستوں کو اجال دیں گے

سنا ہے پچھلی حکایتوں میں بھی نام اس کے بدل گئے تھے
تو عصرِ نو کی کہانیوں سے بھی کیسے اس کو نکال دیں گے

سنا ہے طرزِ ستمگری میں ہوا ہے اب کے نیا اضافہ
کہ زخم کھانے کے بعد سب کو وہ مرہمِ اندمال دیں گے

سنا ہے دورِ قبولیت کا پھر آ رہا ہے کریم موسم
تو اب کے ہم کاسۂ دعا میں تمام دکھ درد ڈال دیں گے
***

دل میں جو بات ہے وہ کھولتا ہے
کوئی آنکھوں میں چھپ کے بولتا ہے
دور کی انگلیوں سے رات گیے
کوئی دل کو مرے ٹٹولتا ہے
اپنی آغوش کھولتا ہے فلک
جب پرندہ پروں کو تولتا ہے
گفتگو اس سے جب بھی ہوتی ہے
آئینہ کتنا جھوٹ بولتا ہے
اس دریچے میں جلنے والا چراغ
روشنی کے نصیب کھولتا ہے
اس کا ملبوس اور اس کا بدن
رنگ میں خوشبوئیں بھی گھولتا ہے
دیکھنا لمس اس کے ہونٹوں کا
لفظ میں روشنی بھی گھولتا ہے
***

آج تو فرطِ شوق میں ایسا کمال ہو گیا
جنبشِ لب نہ ہو سکی اور سوال ہو گیا
نرم ہوا کے لمس نے جیسے کھلا دیا گلاب
چہرہ نگاہِ شوق سے اس کا بھی لال ہو گیا
یہ بھی ہوا کہ رات جب تیز ہوا کا زور تھا
برگِ شجر بھی ٹوٹ کر شاملِ حال ہو گیا
عدل و پناہ کی رِدا پہلے تو سر پہ ڈال دی
پھر یوں ہوا کہ میرا خوں اس پہ حلال ہو گیا
راہِ طلب میں بس مرا ایک قدم غلط اٹھا
پھر تو تمام راستہ راہِ ملال ہو گیا
وقت عجیب پڑ گیا اہلِ دل و نگاہ پر
اور تو کیا کہیں کہ اب عشق محال ہو گیا
***

خیال و شوق کو جب ہم تری تصویر کرتے ہیں
تو دل کو آئینہ اور آنکھ کو تنویر کرتے ہیں
نظر کے سامنے جتنا علاقہ ہے وہ دل کا ہے
تو اس کی بے دلی کے نام یہ جاگیر کرتے ہیں
ہَوا مِسمار بھی کر دے اگر شہرِ تمنّا کو
پھر اس ملبے سے قصرِ آرزو تعمیر کرتے ہیں
ہوائیں پڑھ کے اپنے نام کے خط جھوم جاتی ہیں
محبت سے جو پتّوں پر شجر تحریر کرتے ہیں
ہمارے لفظ آئندہ زمانوں سے عبارت ہیں
پڑھا جائے گا کل جو آج وہ تحریر کرتے ہیں
***

پتہ نشان تو اس نے نہیں بتایا تھا
مگر وہ رات مرے خواب میں تو آیا تھا
زمین سبز پری کی طرح سنور گئی تھی
اور آسمان بھی جوڑا بدل کے آیا تھا
نہا دیا تھا پرانے دنوں کی خوشبو میں
کل اس کے شہر سے جھونکا ہوا کا آیا تھا
اب اس کے پھولوں سے خوشبو کی نہر پھوٹتی ہے
زمینِ شوق میں اک نخل جو لگایا تھا
تو روشنی کو بھی اس بات پہ تھا ناز بہت
کہ اپنے ہاتھ سے اس نے دیا جلا یا تھا
دیارِ جاں کے علاقے میں نور کیسا ہے ؟
وہ آ رہا ہے کہ اس کا خیال آیا تھا
مہکتے پھول سی یادیں چمکتے چاند سے لوگ
بس عمر بھر میں خزانہ یہی کمایا تھا
***

آنکھوں سے ہوکے میری بہا ہی کچھ اور تھا
اب کے تو آنسوؤں کا مزا ہی کچھ اور تھا
زخموں کا رنگ دیکھ کے شرما گئے گلاب
اس بار تو یہ باغ کھلا ہی کچھ اور تھا
میں تو سمجھ رہا تھا کہ دل ہو گیا دھواں
لیکن دیارِ جاں میں جلا ہی کچھ اور تھا
یا تو جواب عرضِ تمنا ہی کچھ نہ تھا
یا یہ ہوا کہ میں نے سنا ہی کچھ اور تھا
سنگِ گراں بھی ہوتے گئے راستے کے دھول
پہلے پہل سفر کا نشہ ہی کچھ اور تھا
***

نہ سنتی ہے نہ کہنا چاہتی ہے
ہَوا اک راز رہنا چاہتی ہے
نہ جانے کیا سمائی ہے کہ اب کی
ندی ہر سمت بہنا چاہتی ہے
سلگتی راہ بھی وحشت نے چن لی
سفر بھی پا برہنہ چاہتی ہے
تعلق کی عجب دیوانگی ہے
اب اس کے دکھ بھی سہنا چاہتی ہے
اجالے کی دعاؤں کی چمک بھی
چراغِ شب میں رہنا چاہتی ہے
بھنور میں آندھیوں میں بادباں میں
ہَوا مصروف رہنا چاہتی ہے
***

کٹی پھٹی ہوئی تحریر لے کے آیا تھا
عجب نوشتۂ تقدیر لے کے آیا تھا
تھکن سے چور پرندہ نہ جانے کس کے لئے ؟
لہو میں ڈوبا ہوا تیر لے کے آیا تھا
بلا کی کاٹ تھی اک ایک لفظ میں اس کے
نیام نطق میں شمشیر لے کے آیا تھا
تمام شہر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا تھا
عجیب جذبۂ تعمیر لے کے آیا تھا
بدن کی چٹکی ہوئی چاندنی کی آنچ نہ پوچھ
کہ برف آگ کی تاثیر لے کے آیا تھا
اِدھر سے کھلتی اُدھر سے لپٹتی جاتی تھی
میں اک عجیب سی زنجیر لے کے آیا تھا
***

نہ منزلوں کے رہے ہم نہ گھر کے کام کے تھے
وہی سفر کے بھی نکلے جو دن قیام کے تھے
چراغ جلتے تھے الفاظ پھول بنتے تھے
سنا ہے ایسے کرشمے ترے کلام کے تھے
لکیریں کھینچی تھیں کاغذ پہ بے خیالی میں
پڑھا جب ان کو تو سب حرف اس کے نام کے تھے
انہیں کی یاد سے روشن ہے آج کی منزل
جو کل سفر میں مرے دوست چند گام کے تھے
الجھ کے رہ گئے سمتوں کے جال میں ورنہ
کہاں کہاں کے ارادے خیال خام کے تھے
کہاں سے ڈھونڈھ کے لاؤں ہرے بھرے وہ دن
جو میٹھے پانی کے چشمے تھے باغ آم کے تھے
***

کاٹتے بھی ہیں اسی فصل کو بونے والے
ڈوب بھی جاتے ہیں اک روز ڈبونے والے
لاش ابھری تو کئی نام لکھے تھے اس پر
کتنے حیران ہوئے مجھ کو ڈبونے والے
کچھ تو اس سادہ مزاجی کا صلہ دے ان کو
کس قدر جلد بہل جاتے ہیں رونے والے
زندگی لاکھ انہیں بارِ گراں لگتی ہے
خوش تو رہتے ہیں مگر بوجھ یہ ڈھونے والے
داغ مٹ جائیں مگر میرے لہو کی خوشبو
تیرے دامن سے کہاں جائے گی؟دھونے والے
***

وہ جو دنیا تھی مرے خواب میں زندہ ہے ابھی
وقت یادوں کے قفس ہی کا پرندہ ہے ابھی
صرف ایک جست میں جنگل کو پلٹ جاتا ہے
دوسرے لمحے میں انسان درندہ ہے ابھی
خانۂ جاں میں جو کہرام مچائے ہوئے ہے
کچھ نہ کچھ مدفنِ احساس میں زندہ ہے ابھی
موسمِ گل کی امانت کی طرح شاخوں پر
ایک پتہ ہے ہرا ایک پرندہ ہے ابھی
خیمۂ شب میں یہی آس لئے جاگتے ہیں
دُور کتنا ہی سہی نور تو زندہ ہے ابھی
***

سنو کہ اب بھی سمندر انہیں بلاتے ہیں
سفر کے بعد جو سب کشتیاں جلاتے ہیں
مرا خیال ہی سچّا ہے اپنے بارے میں
وہ جھوٹ ہو گا جو یہ آئینے بتاتے ہیں
خراج دیتے ہیں اک ایک سانس کا اپنی
جو قرض ہم پہ نہ تھا عمر بھر چکاتے ہیں
اسے خبر بھی نہیں اس قدر تعلق کی
وہ دھوپ میں ہے پسینے میں ہم نہاتے ہیں
اسی امید پہ برسیں گزار دیں ہم نے
وہ کہہ گیا تھا کہ موسم پلٹ کے آتے ہیں
ہمارے سادہ مزاجی عذاب ہے کتنی
تکلّفات کو سچّائی مان جاتے ہیں
***

فوج کی آخری صف ہو جاؤں
اور پھر اس کی طرف ہو جاؤں
تیر کوئی ہو کماں کوئی ہو
چاہتے ہیں کہ ہَدف ہو جاؤں
ہاتھ اٹھتا ہی ہے کہاں ہے اس پر
لاکھ میں تیغ بکف ہو جاؤں
اک زمانہ ہے ہواؤں کی طرف
میں چراغوں کی طرف ہو جاؤں
اشک اس آنکھ میں آئے نہ کبھی
اور ٹپکے تو صدف ہو جاؤں
عہدِ نو کا نہ سہی گزراں کا
باعثِ عز و شرف ہو جاؤں
***

روزنِ شوق

جب قصہ یاد کیا ہم نے اپنی پہلی نادانی کا
احوال بہت نکلا اس میں پاگل پن کا حیرانی کا
اک کنج تھا ٹھنڈے سائے کا اک چشمہ میٹھے پانی کا
جب پھول میں خوشبو اتری تھی وہ باغ تھا اک خوبانی کا
وہ راتیں خوابوں والی تھیں وہ باتیں جادو والی تھیں
وہ دن تھے کیف ومستی کے تھا عالم عین جوانی کا
وہ شہر گلستانوں کے تھے وہ لوگ پرستانوں کے تھے
کردار وہ افسانوں کے تھے عنواں ہیں جو رام کہانی کا
ہونٹوں کے گلاب مہکتے تھے آنکھوں کے چراغ چمکتے تھے
جب موسم چہرہ بُنتا تھا اک پردیسی سیلانی کا
خوشبو کی نہر نکلتی تھی رنگوں کی دھار برستی تھی
اس کوچے کا جو منظر تھا وہ منظر تھا حیرانی کا
جب تیز ہوا دھمکاتی ہے اور دھوپ کی آگ جلاتی ہے
تب بھی تو ساتھ نبھاتا ہے اک چشمہ میٹھے پانی کا
***

یہ بات مان گئے آج آپ سے مل کے
کہ اک نگاہ میں ہوتے ہیں فیصلے دل کے
بہت ہیں بجھتی ہوئی روشنی کے پروانے
جلائے رکھتے ہیں سارے چراغ محفل کے
اٹوٹ رشتہ ہے اس سے کہ ہم اس کی طرح
بنے ہوئے ہیں اسی آب سے اسی گل سے
ترے خلاف کوئی معتبر گواہ تو تھا
دہانِ زخم بھی خاموش ہو گیا سل کے
روانہ ہوتے ہی آنکھوں سے چھین لیں نیندیں
کہ لوگ دیکھنے لگتے تھے خواب ساحل کے
کچھ اب کے رنج جدائی کا یوں زیادہ ہے
کہ جاتے وقت بھی ہم سے نہیں گیا مل کے
***

الفاظ سے سجا کے دلہن کر کے دیکھ لیں
آؤ تمہیں شریکِ سخن کر کے دیکھ لیں
یہ زندگی ہے کھیل تماشا تو یوں کریں
اس کھیل کو حیات کا فن کر کے دیکھ لیں
چشمے نکال لیں گے اسی ریگزار سے
پہلے تو دشتِ شوق وطن کر کے دیکھ لیں
بادِ صبا کا مستی و دیوانگی کا رقص
گل کی مہک کو مشکِ ختن کر کے دیکھ لیں
تتلی کے رنگ اوڑھ کے پھولوں کے گھر چلیں
حیران برگ و بارِ چمن کر کے دیکھ لیں
***

جھوم رہی تھی خوشبو رقصاں پھول گلاب کے تھے
کیا وہ منظر خواب کا تھا وہ باغ سراب کے تھے ؟
سناٹے کے مرقد میں ہیں روشن صرف سوال
کس عالم روپوش ہوئے جو حرف جواب کے تھے ؟
چوم کے موجیں ان کو ڈوبیں ایسے مستی میں
جیسے نقش نہ تھے پیروں کے جام شراب کے تھے ؟
شاخیں بھی ساون کی رُت میں رقص دکھاتی تھیں
بارش کے سرگم سے کھلتے پھول حباب کے تھے
اس کی گلی سے آگے جا کر باقی سب رستے
یا تو پچھتاوے کے تھے یا دشت عذاب کے تھے
ان کو پڑھ کر دریا کی آنکھیں بھی بھر آئیں
موجوں نے جو قصے لکھے آب و سراب کے تھے
***

گرمیِ شوق ہے کہ سینے میں
آگ جلتی ہے آبگینے میں
اس کڑی دھوپ سے نجات کہ اب
خون آنے لگا پسینے میں
پھر چھتوں نے بھی دیکھی جلوہ گری
سامنا ہو گیا تھا زینے میں
عمر گزری رفوگری میں مگر
بڑھ گئے اور زخم سینے میں
جتنے اس کے فراق میں گزرے
دن وہ شامل کہاں ہیں جینے میں
تیس چالیس دن تو کاٹ دیے
اور کتنے ہیں اس مہینے میں ؟
***

یقین ہو تو کوئی راستہ نکلتا ہے
ہوا کی اوٹ بھی لے کر چراغ جلتا ہے
سفر میں اب کے یہ تم تھے کہ خوش گمانی تھی؟
یہی لگا کہ کوئی ساتھ ساتھ چلتا ہے
غلافِ گل میں کبھی چاندنی کے پردے میں
سنا ہے بھیس بدل کر بھی وہ نکلتا ہے
لکھوں وہ نام تو کاغذ پہ پھول کھلتے ہیں
کروں خیال تو پیکر کسی کا ڈھلتا ہے
رواں دواں ہے ادھر ہی تمام خلقِ خدا
وہ خوش خرام جدھر سیر کو نکلتا ہے
امید و یاس کی رُت آتی جاتی رہتی ہے
مگر یقین کا موسم نہیں بدلتا ہے
***

طلب میں اب کے نادانی بہت ہے
جنوں کم ہے تن آسانی بہت ہے
مجھے بھی زود رنجی تھی زیادہ
اسے بھی اب پشیمانی بہت ہے
جو منظر بھی بدلنا جانتی ہیں
انہیں آنکھوں میں حیرانی بہت ہے
نہ جانے رنگ بھی لائے گا بہہ کر
ابھی تو خون میں پانی بہت ہے
چلی ہیں کشتیاں کاغذ کی جب سے
سمندر کو بھی حیرانی بہت ہے
***

کب کسی اور کو گردانتے ہیں
ہم تو بس دل کا کہا مانتے ہیں
خود سے بھی کھل کے نہیں ملتے ہم
آپ کیا خاک ہمیں جانتے ہیں
رنگ ہو نور ہو خوشبو ہو کہ پھول
اس کو ہر شکل میں پہچانتے ہیں
جو بہت دور سے پہچانتے تھے
اب بڑی دیر میں پہچانتے ہیں ؟
کس کی بستی ہے جہاں سناٹے
کوئی بولے تو بُرا مانتے ہیں
کیا بدل جاتا ہے ایسا کہ ہمیں
آئینے بھی نہیں پہچانتے ہیں
***

دھواں اٹھنے لگا جب دشتِ جاں سے
نہ جانے آ گئے بادل کہاں سے ؟
پرندے اڑ گئے شاخِ صدا کے
معانی گم ہوئے لفظ و بیاں سے
نہ جانے کیوں اچانک بڑھ گیا ہے ؟
زمیں کا فاصلہ اب آسماں سے ؟
سبھی انصار غائب ہو گئے ہیں
ہماری ہجرتوں کے درمیاں سے
یقیں کی بستیاں بھی مل گئی ہیں
گزر جب بھی ہوا دشتِ گماں سے
کہیں حیران آنکھیں کھو نہ جائیں
اٹھا پردے نہ اتنے درمیاں سے
جہاں پر ختم ہوتی ہے کہانی
نکلتا ہے نیا قصّہ وہاں سے
***

سرور و کیف کا سیلاب سا ڈبونے لگا
عجب مہک تھی بدن کی کہ نشّا ہونے لگا
بھڑکتی آگ کے شعلوں میں بھی نہاتے رہے
دھوئیں کا ابر بھی پھر جسم و جاں بھگونے لگا
ستارے کھلنے لگے شامِ شوق آتے ہی
عجیب نور سا دشتِ طلب میں ہونے لگا
دیار جاں میں کھِلے جب سے اس کی یاد کے پھول
تو خوشبوؤں کا گزر صبح و شام ہونے لگا
سفر کا شوق بھی نایاب کی تلاش بھی تھی
تو جان بوجھ کے ہر راستے میں کھونے لگا
***

دکھوں کے موڑ پہ اکثر مجھے ملا وہ شخص
مگر یہ راز ہے اب تک کہ کون تھا وہ شخص؟
کھلا تو دیکھ کے حیران رہ گیا میں
کچھ اس طرح مرے اندر چھپا رہا وہ شخص
ہر ایک لمحے پہ لکھا ہوا تھا جس کا نام
کہاں گیا وہ زمانہ کدھر گیا وہ شخص؟
کبھی گلاب کبھی چاندنی کبھی خوشبو
کسی زمانے میں کیا کیا بنا رہا وہ شخص
مری زمین پہ آیا تھا روشنی لے کر
کسی ستارے پہ واپس چلا گیا وہ شخص
ہوا کرے جو زمانے کی رائے ہے منظور
مجھے پسند ہے ہو گا برا بھلا وہ شخص
***

پر شور سمندر میں سرِ آب بھی میں تھا
اور قطرۂ ناچیز میں غرقاب بھی میں تھا
کرتا بھی تھا روشن مری راتوں کا مقدر
جو ٹوٹ بھی جاتا تھا وہی خواب بھی میں تھا
ہر رنگ میں پنہاں تھی گواہی مری لیکن
اُس منظرِ خوش رنگ میں کمیاب بھی میں تھا
تھی کتنے ہی دریاؤں کی دیوار مرے گرد
اور ایک اشارے ہی میں پایاب بھی میں تھا
موسم کی نوازش بھی رہی دشتِ سفر میں
پیاسا بھی رہا اور کبھی سیراب بھی میں تھا
***

حیات بٹنے لگی ہے فنا کے ہاتھوں سے
مرے چراغ جلے ہیں ہوا کے ہاتھوں سے
یہ بات پیرہنِ گل کے تار کس سے کہیں ؟
کہ تار تار ہوئے ہیں صبا کے ہاتھوں سے
بعید یہ بھی نہیں ہے کہ غم کے مارے ہوئے
ہلا کے رکھ دیں فلک بھی دعا کے ہاتھوں سے
یہ چاہتے ہیں ہماری وفا کا کوئی صلہ
اگر ملے تو اسی بے وفا کے ہاتھوں سے
کبھی کبھی تو اسے دیکھ کر یہ لگتا ہے
کہ بس وہی تو بنا ہے خدا کے ہاتھوں سے
***

رسم ہی نیند کی آنکھوں سے اٹھا دی گئی کیا؟
یا مرے خواب کی تعبیر بتا دی گئی کیا؟
آسماں آج ستاروں سے بھی خالی کیوں ہے ؟
دولتِ گریہِ جاں رات لٹا دی گئی کیا؟
وہ جو دیوار تھی اک عشق و ہوس کے مابین
موسمِ شوق میں اس بار گرا دی گئی کیا؟
اب تو اس کھیل میں کچھ اور مزا آنے لگا
جان بھی داؤ پہ اس بار لگا دی گئی کیا؟
آج دیوانے کے لہجے کی کھنک روشن ہے
اس کی آواز میں آواز ملا دی گئی کیا؟
آج بیمار کے چہرے پہ بہت رونق ہے
پھر مسیحائی کی افواہ اڑا دی گئی کیا؟
***

لکھی نہ ہو تو زبانی بچا کے رکھنا ہے
پر اپنی اپنی کہانی بچا کے رکھنا ہے
سنا ہے آگے کڑے کوس کی مسافت ہے
تو ایک شام سہانی بچا کے رکھنا ہے
جو سیپ میں ہوں وہ قطرے گہر بھی بنتے ہیں
تو اپنی آنکھ میں پانی بچا کے رکھنا ہے
نہ جانے کون سی شب پھر دراز ہو جائے ؟
کم از کم ایک کہانی بچا کے رکھنا ہے
اثاثہ صرف بھی کرنا ہے اپنے لفظوں کا
اور ان میں رمز و معانی بچا کے رکھنا ہے
***

کبھی تو ایسے مل جائیں بام و در سارے
کہ اک چراغ سے روشن ہوں اپنے گھر سارے
بس اب تو اس کی رفاقت کی آزمائش ہے
کہ ہم کو چھوڑ گئے اور ہمسفر سارے
نہال ایسے ہوئے ابرِ تر کی آمد سے
کہ سبز پوش ہوئے دشت کے شجر سارے
یہ آسمان پہ تارے ہیں یا جلے ہیں چراغ؟
دلِ شکستہ کی قبروں پہ آن کر سارے ؟
کوئی امید ہے جس کی نہ کوئی وعدہ ہے
اک ایسی بات کے بیٹھے ہیں منتظر سارے
غبارِ راہ میں یا خواب کے دھندلکے میں
کہیں تو گم ہیں مری عمر کے سفر سارے
***

کرتے رہتے تھے خوب دیدِ بدن
آخرش ہو گئے شہیدِ بدن
ایسے کھلتے کہاں تھے بھید اس کے
ایک شب مل گئی کلیدِ بدن
جام و صہبا تو اک وسیلہ ہیں
ورنہ ہر نشہ ہے کشیدِ بدن
اس کے در پر روا جبیں سائی
پیر و مرشد بھی ہیں مریدِ بدن
دوستی کا مزا خوشی کا ملن
ہر بدن ہے برائے عیدِ بدن
جنسِ نایاب ہے سرِ بازار
کوئی بیچے کوئی خریدے بدن
***

آؤ دیارِ شوق میں وہ ہاؤ ہو کریں
برسوں تلک یہ لوگ یہی گفتگو کریں
خوشبو کی بات میں ہوں حوالے گلاب کے
ہو حسن کا بیاں تو اسے رو برو کریں
شبنم میں مل گیا ہے مزا پھر شراب کا
پھر پھول اپنے آپ کو جام و سبو کریں
اظہار کی گرفت میں کب ہے جمالِ دوست
ممکن نہیں بیان اسے مو بمو کریں
دستِ خیال ہی سے چھویں پھر وہی بدن
ہاتھوں کی انگلیوں کو بھی پھر مشکبو کریں
***

لکھ رہا تھا میں داستاں اس کی
ہاتھ میرے تھے انگلیاں اس کی
اپنا قصّہ بیان کرنا تھا
اور نکلا وہ داستاں اس کی
بس گیا کون میری آنکھوں میں ؟
آئینے میں بھی جھلکیاں اس کی
مُلک جاں ہو کہ قریۂ دل ہو
حکمرانی نہیں کہاں اس کی
میرے تنکوں سے جنگ کرتے ہوئے
تھک بھی جاتی ہیں آندھیاں اس کی
ہم نے اپنے لہو کے دریا سے
پار کر دی ہیں کشتیاں اس کی
اب تو سچ کا سکوت بولتا ہے
اور کاٹے کوئی زباں اس کی
***

بجھ چکی آگ مگر راکھ میں گرمی ہے ابھی
یاد آ جائے تو بجلی سی چمکتی ہے ابھی
موسمِ شوق میں کیا پھول کھلے تھے پہلے
شاخ وہ سوکھ گئی پھر بھی مہکتی ہے ابھی
کوئی شے مدفنِ احساس میں زندہ ہو گی
دل بھی دُکھتا ہے بہت چوٹ بھی لگتی ہے ابھی
راکھ ہوتے ہوئے گھر دیکھا تھا جن آنکھوں نے
ان میں اس روز سے اک آگ سی جلتی ہے ابھی
بات جو اس نے کبھی کی تھی عجب لہجے میں
پھانس کی طرح مرے دل میں کھٹکتی ہے ابھی
***

مٹی مٹی سی سہی کچھ نشانیاں تو ہیں
ہمارے بعد ہماری کہانیاں تو ہیں
تعلقات پہ یہ وقت ہے کڑا کہ اُسے
شکایتیں نہ سہی بد گمانیاں تو ہیں
ہمارے چہرے بھی دل کی عجب کتابیں ہیں
بیاں نہیں ہے مگر ترجمانیاں تو ہیں
نکل کے کچھ تو ملا بام و در کی سرحد سے
مکاں نہیں ہے مگر لا مکانیاں تو ہیں
***

اک ایسی بات کرنا چاہتا ہوں
جسے دن رات کرنا چاہتا ہوں
بنایا ہے خیالوں میں جو چہرہ
اب اس سے بات کرنا چاہتا ہوں
بنا کر آئینے میں عکس اس کو
شریکِ ذات کرنا چاہتا ہوں
میں اک بارش کو اس کے ساتھ مل کر
بھری برسات کرنا چاہتا ہوں
ضرورت ہو جسے آواز دینا
میں دل خیرات کرنا چاہتا ہوں
ہنر جس نے سکھایا جیتنے کا
اسی کو مات کرنا چاہتا ہوں
سفر میں کام آئیں گی تمہارے
دعائیں ساتھ کرنا چاہتا ہوں
***

ابھی تو شاخوں کا پچھلے موسم سے رابطہ ہے
ابھی تو پتوں کا رنگ پھیکا نہیں پڑا ہے
ابھی تو رقصِ جنوں کی لَے کم نہیں ہوئی ہے
صدائے زنجیر سے ابھی دشت گونجتا ہے
ابھی نمو کا نہیں ہے یہ آخری پڑاؤ
ابھی سفر موسموں کا پورا نہیں ہوا ہے
اگرچہ اس کے حروف روشن نہیں رہے ہیں
مگر فضاؤں میں نام تو وہ لکھا ہوا ہے
ابھی تو امید کے چراغوں میں روشنی ہے
کوئی ستارہ کہیں کہیں تو چمک رہا ہے
مرے قلم کی کرامتیں ہیں اگر وہ چھولے
پرانے لفظوں میں پھر نیا خون دوڑتا ہے
***

کچھ اور مزا آتا اس طول بیانی میں
اک باب ہمارا بھی ہوتا تو کہانی میں
پھر اور کوئی صورت آنکھوں میں نہیں ٹھہری
چہرہ کوئی دیکھا تھا بہتے ہوئے پانی میں
سیراب کیا کس کو غرقاب کیا کس کو؟
کچھ بھی تو نہیں دیکھا دریا نے روانی میں
اب بھی یہ دلِ وحشی کہتا ہے گلِ نو سے
ہم کاش ملے ہوتے ایّامِ جوانی میں
پامال ہوئے لیکن پیوستہ رہے اس سے
کچھ بات ہی ایسی ہے اُس دشمنِ جانی میں
کچھ پھول بھی چنتے ہیں الفاظ کی شاخوں سے
کچھ رنگ بھی بھرتے ہیں تصویرِ معانی میں
***

سمجھ رہے تھے کہ ہے سر کا امتحاں دیوار
لہو کے رنگ سے چمکی مگر کہاں دیوار؟
سفر کا کوئی بھی موسم ہو مل ہی جاتی ہے
کبھی غبار کبھی دھُند میں نہاں دیوار
یہ کہہ دیا تھا کہ اس کے بھی کان ہوتے ہیں
تو بن گئی ہے اسی دن سے راز داں دیوار
کھُلی فضاؤں میں جو ساتھ ساتھ رہتے تھے
کہاں سے آ گئی ان کے بھی درمیاں دیوار؟
میں آسماں کی بلندی پہ ہنسنے والا تھا
کہ آ گری مرے ہی سر پہ ناگہاں دیوار
***

وہ کم سخن جو کسی بات پر بگڑ جائے
زمیں تو چیز ہے کیا آسماں سے لڑ جائے
کسی یقین پے چلتے رہے ہیں ہم اب تک
بڑے بڑوں کا وگرنہ قدم اکھڑ جائے
اُسی نظر سے رفو کا بھی کام لینا ہے
کہ جس سے بخیہ ہر اک زخم کا ادھڑ جائے
ترا خیال کبھی اس طرح مجسم ہو
اگر میں ہاتھ لگاؤں تو جان پڑ جائے
میں اپنے باغ کی دن رات خیر مانگتا ہوں
یہ سچ نہ ہو تو مرا آشیاں اُجڑ جائے
بہت عجیب سی خواہش سفر میں رہتی ہے
کہ راستے میں کہیں اپنا گھر بھی پڑ جائے
***

کھِلا بھی دیتے ہیں کلیاں مَسل بھی دیتے ہیں
ہَوا کے ہاتھ ارادہ بدل بھی دیتے ہیں
دل ایسی چیز کہ پلکوں سے چن لیا جائے
سنا ہے لوگ تو اس کو کچل بھی دیتے ہیں
یقین کی آخری سرحد پہ رہنے والے لوگ
کبھی کبھی تو لکھے کو بدل بھی دیتے ہیں
ہمارے گھر میں بزرگوں سے کتنی برکت ہے
گھنے درخت کا سایا بھی پھل بھی دیتے ہیں
سمندروں سے کہو ان کا احترام کریں
قدیم دریا کبھی رخ بدل بھی دیتے ہیں
ذرا سا صبر ذرا سا یقین تو رکھیں
سوال دیتے ہیں مشکل تو حل بھی دیتے ہیں
***

جانتا ہوں کہ مرے ہاتھ تو جل جائیں گے
راکھ میں دفن جو شعلے ہیں نکل جائیں گے
یہ جو اک تم سے تعلق ہے اسے توڑنا مت
ورنہ اس لفظ کے معنی ہی بدل جائیں گے
کوئی آواز اسی سمت سے پھر آئے گی
ہم بھی پھر اس کے تعاقب میں نکل جائیں گے
پھر کوئی چہرہ اندھیرے میں کرن کی صورت
پھیلتا جائے گا اور دیپ سے جل جائیں گے
ڈوبنے والوں سے دریا نے کہا تھا ’’آؤ‘‘
میرے پانی سے سبھی پار نکل جائیں گے
چند قطرے بھی سمندر میں اگر زندہ ہیں
بڑھتے بڑھتے وہی طوفان میں ڈھل جائیں گے
***

لٹا دیے تھے کبھی جو خزانے ڈھونڈھتے ہیں
نئے زمانے میں کچھ دن پرانے ڈھونڈھتے ہیں
کبھی کبھی تو یہ لگتا ہے میں وہ لمحہ ہوں
کہ اک زمانے سے جس کو زمانے ڈھونڈھتے ہیں
کچھ احتیاط بھی اب کے طلب میں رکھنا پڑی
سو اس کو اور کسی کے بہانے ڈھونڈھتے ہیں
لپک کے آتے ہیں سینے کی سمت تیر ایسے
پرند شاخ پہ جیسے ٹھکانے ڈھونڈھتے ہیں
ہماری سادہ مزاجی بھی کیا قیامت ہے
کہ اب قفس ہی میں ہم آشیانے ڈھونڈھتے ہیں
***

آتشِ شوق سے بیتاب تھی دیوانی ہوا
کل پسینے میں شرابور تھی برفانی ہوا
جانے کس وقت بدل جائے یہ سارا منظر؟
جانے کس سمت نکل جائے یہ سیلانی ہوا؟
آخرِ شب کے چراغوں سے ذرا بچ کے چلے
لاکھ سمجھایا مگر ایک نہیں مانی ہوا
کھیت کھلیان سے پنگھٹ سے بھی منھ موڑ لیا
اب تو شہروں میں اڑی پھرتی ہے دہقانی ہوا
سخت لہجہ میں کبھی اور کبھی سر گوشی میں
کچھ تو کہتی ہے در و بام سے ہیجانی ہوا
بس ذرا دور چلی ساتھ سفر میں میرے
تھک کے پھر بیٹھ گئی راہ میں بیگانی ہوا
***

کبھی کبھی جو من و تو کی قید ہٹ گئی تھی
تو زندگی انہی لمحات میں سمٹ گئی تھی
سفر کے بعد بھی باندھے رہی وہی زنجیر
جو چلتے وقت مرے پاؤں سے لپٹ گئی تھی
نہ جانے سر پہ مسائل کا بوجھ تھا کتنا؟
کہ میرے قدموں کے نیچے زمین پھٹ گئی تھی
تماشا دیکھا مرے ڈوبنے کا تھوڑی دیر
اور اس کے بعد کنارے کی بھیڑ چھٹ گئی تھی
بس ایک لمحے کو اس شب لگی تھی آنکھ مری
اس ایک لمحے میں لیکن بساط الٹ گئی تھی
***

کچھ تو تعمیر بھی پرانی ہے
کچھ ہوا کی بھی مہربانی ہے
خود بھی حیران رہ نہ جاؤں کہیں
جانے کیا اب کے جی میں ٹھانی ہے ؟
دوسرے نام سے ہے ذکر مرا
کچھ الگ سی مری کہانی ہے
اب تو یہ اعتبار بھی نہ رہا
جسم میں خون ہے کہ پانی ہے ؟
بات پوری ہو کس طرح میری
کچھ بتانا ہے کچھ چھپانی ہے
***

خیال و وہم و گماں سے بھی ماورا ہو جائے
کہ ڈوبتے ہوں تو پانی میں راستہ ہو جائے
میں اگلے پچھلے زمانوں کی سیر بھی کر لوں
مرا خیال ذرا اور آئینہ ہو جائے
دیارِ جاں میں جو ہلچل مچائے رکھتا ہے
جب اس کو ڈھونڈھنے نکلوں تو لاپتہ ہو جائے
خدا کرے کہ وہی معجزے کی ساعت ہو
ہمارے درد کا ہر حرف جب دعا ہو جائے
تو روشنی کی گواہی میں کون نکلے گا؟
کہ خود چراغ اجالے سے جب خفا ہو جائے
نیا ہے شہر مگر دل کی خواہشیں ہیں عجب
کہ چلتے پھرتے کہیں اس کا سامنا ہو جائے
***

غضب تو یہ تھا کہ وہ ترجمان اس کی تھی
ہمارے مُنھ میں بھی گویا زبان اس کی تھی
سفر کی سمت مقید تھی اس کی مٹّھی میں
کہ بال و پر تھے ہمارے اڑان اس کی تھی
اس انکشاف سے کچھ اور زخم گہرے ہوئے
کسی کے تیر ہوں لیکن کمان اس کی تھی
کوئی بھی چیز وہاں قیمتی نہیں تھی مگر
تمام شہر میں اونچی دکان اس کی تھی
اسی پہ خوش تھا کہ میرے بھی کچھ حوالے تھے
وگرنہ زیست کی ہر داستان اس کی تھی
***

ہر ایک قطرہ پشیمان سا نکلتا ہے
پھر اس کی آنکھ سے آنسو مرا نکلتا ہے
لہو تو لہجہ بدل کر بھی بولتا ہے کہ اب
نئے پھلوں سے وہی ذائقہ نکلتا ہے
کبھی تو لفظ بہت پیچھے چھوٹ جاتے ہیں
پسِ سکوت ہی تب مدعا نکلتا ہے
نہ جانے اس کی کہانی میں کتنے پہلو ہیں
کہ جب سنو تو نیا واقعہ نکلتا ہے
کبھی کبھی تو کسی اجنبی کے ملنے پر
بہت پرانا کوئی سلسلہ نکلتا ہے
***

گزرے ہوئے تمام مناظر نظر میں ہیں
گھر میں بھی اس طرح ہیں کہ جیسے سفر میں ہیں
پتھراؤ کرنے والے بہت دور بین ہیں
کچھ پھل ضرور اب بھی ہمارے شجر میں ہیں
یا تنگ ہو گئی ہیں فضاؤں کی سرحدیں
یا وسعتیں تمام مرے بال و پر میں ہیں
تھا کس کا انتظار کہ اُجڑے مکان میں
آنکھیں سی اب بھی چپکی ہوئی بام و در میں ہیں
منظورؔ سب ہمیں ہیں ترے شہر کے عذاب
محسوس تو کریں کہ ہم اپنے ہی گھر میں ہیں
***

اگر نہیں ہے مری پیاس کے مقدر میں
تو خاک ڈال دے جا کر کوئی سمندر میں
پہاڑ کاٹ کے نہریں نکالنے والے
اُگا کے فصل دکھائیں ہمارے بنجر میں
تمام رات اندھیرے سے جنگ کرنا ہے
اور اک چراغ ہی باقی بچا ہے لشکر میں
اسی لئے تو وہاں دل زیادہ لگتا ہے
علاوہ کام کے کچھ اور بھی ہے دفتر میں
کبھی کُلاہ کبھی تیغ ڈھونڈھتی ہے اسے
عجب کشش ہے ہمارے اٹھے ہوئے سر میں
انہیں بھی مژدہ سنائے کبھی تو صبحِ نشاط
جو سو گئے ہیں لپٹ کر دکھوں کی چادر میں
***

اداس لمحے کبھی اتنے خوف زاد نہ آئیں
کہ ہاتھ اٹھائیں دعا کو تو حرف یاد نہ آئیں
سروں پہ اس کا بھی سایا بہت غنیمت ہے
وہ شاخِ خشک کہ جس میں گلِ مراد نہ آئیں
سخن سرائے میں بس سرخ روشنائی ہے
سمجھ کے سہل ادھر اب قلم نہاد نہ آئیں
نظر سے دور سہی دل میں جاگزیں تو رہیں
یہ کیا کہ ہجر زدہ ہوں تو گھر کو یاد نہ آئیں
یہ خاک و خون کا قصّہ تمام ہو ہم پر
ہمارے بچوں پہ یہ دکھ ہمارے بعد نہ آئیں
***

دشت میں رہ کر چمن کی گفتگو کرتے رہے
کس قدر دیوانہ پن کی گفتگو کرتے رہے
دیکھ کر پھولوں کو صحرا میں بہت جی خوش ہوا
دیر تک ہم باغ و بن کی گفتگو کرتے رہے
تھا بیاں ایسا کہ لفظوں سے لہو بہنے لگا
جانے کس کے بانکپن کی گفتگو کرتے رہے
تھا کمالِ رنگ و بو کیف و طرف کا تذکرہ
اور سب اس کے بدن کی گفتگو کرتے رہے
ایک ہم ہی تھے کہ جو عریانیوں کے شہر میں
احترامِ پیرہن کی گفتگو کرتے رہے
***

روزنِ دل

کھلے تھے ایسے کبھی موسمِ شباب کے پھول
کہ سوکھ کر بھی مہکتے ہیں وہ گلاب کے پھول
زمیں نہال ہوئی اب کے ایسی بارش میں
کہ فرشِ خاک پہ کھلنے لگے حباب کے پھول
مکالمہ تو چلے پھر تو مل ہی جائیں گے
کبھی سوال کے پتھر کبھی جواب کے پھول
اگر ان آنکھوں کو روشن چراغ ٹھہرائیں
تو اس کے عارض و لب کو کہیں گلاب کے پھول
بدل کے دھارے کا رخ بھی کہاں بٹا پانی
کہ ملتے رہتے ہیں راویؔ میں بھی چناب ؔ کے پھول
لکھا ہوا تھا جہاں میرے گلبدن کا نام
تمام حرف بنے تھے وہاں کتاب کے پھول
***

خطوط پتوں پہ لکھے ہوئے بھی آئے ہیں
ہوا نے اور بھی پیغام کچھ سنائے ہیں
ہوا سے سن کے بہت جھومنے لگیں شاخیں
بلند پیڑوں نے خوش ہوکے سر ہلائے ہیں
فضائے دشت کو ذوقِ نمو نے سمجھا کر
اسی زمیں میں خزانے بہت اگائے ہیں
کھِلی تو کون بچائے گا دشتِ گلچیں سے ؟
کلی کے سامنے یہ مرحلے بھی آئے ہیں
ترا خیال تری یاد تیرا ذکر کیا
تو رنگ و نور کی برسات میں نہائے ہیں
***

اس طرح نگاہوں پہ نہ چھا جائے کوئی اور
آئینہ بھی دیکھیں تو نظر آئے کوئی اور
اب شہر میں انصاف کی یہ رسم چلی ہے
ہو جرم کسی کا تو سزا پائے کوئی اور؟
اتنی تو ملے داد ہمیں لغزشِ پا کی
گِر جائیں اگر ہم تو سنبھل جائے کوئی اور
یہ آخری پردہ بھی اٹھانے تو چلے ہو
ایسا نہ ہو پردے میں نکل آئے کوئی اور؟
سچاہے تعلق تو کبھی یوں بھی تو ہو جائے
ہو درد ہمارے تو تڑپ جائے کوئی اور
جب یہ کسی صورت بھی ہماری نہیں سنتا
کیسے دلِ بیتاب کو سمجھائے کوئی اور
***

یوں تو دیوار و دَر بھی کہتے ہیں
ہیں ہمارے تو گھر بھی کہتے ہیں
آسماں بھر اڑان رکھتا ہے
وہ جسے مشتِ پر بھی کہتے ہیں
ہاں کہا تھا یہ ہم نے پہلے بھی
اور بارِ دگر بھی کہتے ہیں
اوس سے ڈبڈبائی نرگس کو
پھول کی چشم تر بھی کہتے ہیں
زندگی کے طویل عرصے کو
وقفۂ مختصر بھی کہتے ہیں
گھر میں کرتے ہیں سیر دنیا کی
اور اس کو سفر بھی کہتے ہیں
***

اگر یہ منظر سراب ہوتا
تو آنکھ ہوتی نہ خواب ہوتا
سوال کر کے تو دیکھنا تھا
ہوا کرے جو جواب ہوتا
کبھی کبھی کتنا چاہتے ہیں
یہ واقعہ کاش خواب ہوتا
ہماری آنکھیں چراغ ہوتیں
اور اس کا چہرہ کتاب ہوتا
کہیں مرا نام لکھ تو دیتا
بھلے سرِ موجِ آب ہوتا
ہزار پردوں میں ہے یہ عالم
وہ حسن اگر بے نقاب ہوتا
***

یہ سوچ کر بھی دل کو تسلّی ملی تو ہے
جیسی بُری بھلی ہے مگر زندگی تو ہے
تتلی کے واسطے نہ سہی اپنے بوجھ سے
شاخِ گلاب شوق سے نیچے جھکی تو ہے
یہ تو نشانیاں ہیں اسی شہسوار کی
صحرائے جاں میں خاک سنہری اڑی تو ہے
جلنے کی ٹھان لی ہے کہ بجھنا قبول ہے ؟
اکثر ہَوا چراغ سے یہ پوچھتی تو ہے
کھل تو رہے ہیں ہاشمیؔ باغِ سخن میں پھول
حرف و نوا کی شاخ ابھی تک ہری تو ہے
***

آباد نہیں ایسا کوئی شہر گماں اور
اٹھ جائیں یہاں سے بھی تو جائیں گے کہاں اور
ہم تو یہ سمجھتے ہیں کہ ہے آخری پردہ
اٹھتا ہے تو کھلتا ہے کہ ہے کوئی نہاں اور
گزرے ہوئے موسم کی نشانی کی طرح ہیں
رکھتے ہی نہیں اس کے سوا نام و نشاں اور
بوسیدہ حویلی کی الگ شان ہے اپنی
ہونے کو تو بستی میں نئے بھی ہیں مکاں اور
کھِل جائیں کبھی زخم کبھی پھول چمن میں
یوں ہو تو نہیں آئے کوئی دورِ خزاں اور
کیا کیجئے خواہش کا کہ سیراب بھی ہو کر
بڑھ جاتی ہے آگ اور غبار اور دھواں اور
***

انہی پتوں پہ مٹی مل رہی ہے
ہَوا جن کی بدولت چل رہی ہے
عجب شے ہے یہ شمعِ زندگی بھی
کہ بجھنے کے لیے ہی جل رہی ہے
یہی تو پھیلتی ہے بستیوں میں
وہی جو آگ دل میں جل رہی ہے
کوئی ڈوبا تو گہرے پانیوں میں
ذرا سی دیر تو ہلچل رہی ہے
خبر بھی ہے تری شہرت کے پیچھے
کہانی دوسری ہی چل رہی ہے
اسے بھی دفن کرنا چاہتے ہیں
ابھی تک سانس جس کی چل رہی ہے
***

جب دھوپ کے صید ہو گئے ہیں
سب رنگ سفید ہو گئے ہیں
زنجیر تو کٹ چکی ہے لیکن
جھنکار میں قید ہو گئے ہیں
جنگل سے وفا نہ کرنے والے
شہروں میں بھی قید ہو گئے ہیں
چاہت کی نظر سے اس کے عارض
کیا سرخ وسپید ہو گئے ہیں
بس ہم ہی نہیں شکار اس کے
کچھ اور بھی صید ہو گئے ہیں
***

کچھ خیالِ دلِ ناشاد تو کر لینا تھا
وہ نہیں تھا تو اسے یاد تو کر لینا تھا
کچھ اڑانوں کے لئے اپنے پروں کو پہلے
جنبش وجست سے آزاد تو کر لینا تھا
پھر ذرا دیکھتے تاثیر کسے کہتے ہیں
دل کو بھی شاملِ فریاد تو کر لینا تھا
کوئی تعمیر کی صورت بھی نکل ہی آتی
پہلے اس شہر کو برباد تو کر لینا تھا
قیس کے بعد غزالاں کی تسلّی کے لئے
ہاشمیؔ دشت کو آباد تو کر لینا تھا
***

جیب میں درہم و دینار ہوا کرتے تھے
ساتھ کچھ حاشیہ بردار ہوا کرتے تھے
یہ جو بازار میں بکنے کے لئے بیٹھے ہیں
کل یہ لوگ خریدار ہوا کرتے تھے
کیا ہوا صرف چراغوں پہ ہی اب راضی ہیں
جو ستاروں کے طلبگار ہوا کرتے تھے ؟
اک یقیں منزلیں آسان کیا کرتا تھا
راستے پہلے بھی دشوار ہوا کرتے تھے
سوکھتے پتوں سے یہ سن کے بہت رنج ہوا
’’وہ کبھی زینتِ گلزار ہوا کرتے تھے ‘‘
اُن دنوں کیسا امنگوں کا نشہ رہتا تھا
صرف بارش سے ہی سرشار ہوا کرتے تھے
ہو گئے ساتھ زمانے کے وگرنہ پہلے
ہم بھی غالبؔ کے طرفدار ہوا کرتے تھے
***

خوشبوئیں جس کا گھر بساتی ہیں
تتلیاں بھی وہیں سے آتی ہیں
شب کو کنجِ چمن کے بستر پر
پھول کو رنگ سے ملاتی ہیں
دن کو تقریبِ رونمائی میں
بلبلیں زمزمے سناتی ہیں
رنگ و بو چھپ کے دیکھتے ہیں انہیں
چشمۂ گل میں جب نہاتی ہیں
وہ جو باتیں ہیں کچھ رقیبوں کی
پھول کے کان میں سناتی ہیں
پھول سے مَے کشید کرتی ہیں
باغ کو میکدہ بناتی ہیں
لمس کا نقش جگمگاتا ہے
ہاتھ میں رنگ چھوڑ جاتی ہیں
حسن پر جاں نثار کرتی ہیں
عشق کو چاہنا سکھاتی ہیں
***

یہاں وہاں مجھے حیران کرتی رہتی ہے
ہے اک صدا جو پریشان کرتی رہتی ہے
خطا تو اپنی جگہ ہے کبھی کبھی لیکن
اک اور بات پشیمان کرتی رہتی ہے
ہماری آنکھ بھی نکلی کرامتوں والی
کہ ایک قطرے کو طوفان کرتی رہتی ہے
رُخ اس بَلا کا ہوا میرے شہر کی جانب
جو بستیوں کو بیابان کرتی رہتی ہے
ہمارے زخم بھی کچھ اور ہی طرح کے ہیں
کچھ اس کی آنکھ بھی احسان کرتی رہتی ہے
***

وہی کشتی وہی منجدھار بھی ہے
مسافر اب کے کچھ ہشیار بھی ہے
نہیں بس آخری یہ چیخ میری
سکوتِ شب پہ پہلا وار بھی ہے
ہماری خاک بھی زرخیز نکلی
ہوا حیران تو ہے لاچار بھی ہے
تماشے کا تو حصّہ بن گیا ہوں
مگر میرا کوئی کردار بھی ہے ؟
طوافِ کوئے جاناں کر ہی آئیں
نگاہِ شوق کا اصرار بھی ہے
***

پہلے تو بس اک شعلہ نکلتے ہوئے دیکھا
پھر شہر کو اس آگ میں جلتے ہوئے دیکھا
اُس پار جدھر سے کوئی امید نہیں تھی
کل ایک ستارہ بھی نکلتے ہوئے دیکھا
تفریق نہ کی جس نے کبھی کھوٹے کھرے کی
سکّہ بھی اسی شخص کا چلتے ہوئے دیکھا
رہتی ہے جہاں تیز ہواؤں کی حکومت
دم تھا تو چراغوں کو بھی جلتے ہوئے دیکھا
پانی کا کبھی نام بھی جس نے نہ سنا تھا
اس دشت سے چشمہ بھی اُبلتے ہوئے دیکھا
***

وفا کے نام پہ یہ امتحان بھی دے دوں
اگر کہو تو میں قدموں پہ جان بھی دے دوں
ہو اختیار مرا اور وہ اگر مانگے
تو یہ زمیں ہی نہیں آسمان بھی دے دوں
چکاؤں کتنی میں اک اعتبار کی قیمت
یقین تو ٹوٹ چکا ہے گمان بھی دے دوں ؟
اگر حریف مجھی سے توقع رکھتا ہے
تو اس کے ہاتھ میں تیر و کمان بھی دے دوں
کبھی جو نطق کو اظہار کی ملے جرأت
تو حرفِ شوق کو اپنی زبان بھی دے دوں
***

یہ جو منظر ہیں اگر آنکھوں میں بس جائیں گے
آئینے عکس کی صورت کو ترس جائیں گے
سیرِ دنیا کا ہمیں شوق تو تھا وقت نہ تھا
بس یہی ہوتا رہا اگلے برس اگلے برس جائیں گے
یہ ہوا تشنگیِ شوق کو بھڑکائے گی
اور بادل بھی کہیں اور برس جائیں گے
جب پلٹتے ہیں ہمیں اجنبی گردانتا ہے
اب یہ سوچاہے اسی کوچے میں بس جائیں گے
عشق کی راہ میں اک یہ بھی سفر لکھا ہے
چار و نا چار سبھی شہر ہوس جائیں گے
***

یہی نہیں کہ بس اک سائبان ٹوٹتا ہے
پھر اس زمین پہ مرا آسمان ٹوٹتا ہے
خطا تو اور زمینیں بھی کرتی رہتی ہیں
تو صرف ہم پہ ہی کیوں آسمان ٹوٹتا ہے ؟
پھر ایک دوسری دیوار درمیاں آئی
پھر ایک سلسلہِ جسم و جان ٹوٹتا ہے
ہوائیں تیز ہیں پھر بھی سفر تو کرنا ہے
تو ٹوٹ جائے اگر بادبان ٹوٹتا ہے
بتانے والا ہی ہوتا ہے جب کوئی تعبیر
ہمارا خواب اسی درمیان ٹوٹتا ہے
***

اپنا احساس چھوڑ جاتا ہے
میری خلوت میں کون آتا ہے ؟
لمحہ لمحہ تری رفاقت کا
سالہا سال کام آتا ہے
جب بھی میرا چراغ جلتا ہے
اور کچھ روشنی بڑھاتا ہے
جم کے پیڑوں پہ برف کا موسم
دھوپ میں سردیاں مناتا ہے
اس کی آہٹ سے گھر کا سارا بدن
ریل کے پُل سا تھر تھراتا ہے
دیکھ کر دکھ مری زمینوں کا
آسماں بھی تو کانپ جاتا ہے
***

کبھی تو اتنا بڑھایا وفورِ تنہائی
کہ اس کو کھینچ بلایا حضورِ تنہائی
خیال و خواب کی دنیا کو جگمگاتا ہے
نئے جہان دکھاتا ہے نورِ تنہائی
یہ بے جہات کا عالم کہاں ہے سب کے لئے
کسی کسی کو ملا ہے شعورِ تنہائی
کئی ہیں اور بھی کیف و نشاط کے عالم
الگ ہے اپنے نشے میں سرورِ تنہائی
جسے بھی دیکھئے بدنام کرتا رہتا ہے
مگر بتاتا نہیں ہے قصورِ تنہائی
اُدھر بھی کھُلتے گئے شور و غل کے دروازے
اِدھر بھی بڑھتا گیا اور زورِ تنہائی
***

کسی بہانے سہی دل لہو تو ہونا ہے
اس امتحاں میں مگر سرخرو تو ہونا ہے
ہمارے پاس بشارت ہے سبز موسم کی
یقیں کی فصل لگائیں نمو تو ہونا ہے
میں اس کے بارے میں اتنا زیادہ سوچتا ہوں
کہ ایک روز اسے رو برو تو ہونا ہے
لہو لہان رہیں ہم کہ شاد کام رہیں
شریک قافلۂ رنگ و بو تو ہونا ہے
کوئی کہانی کوئی روشنی کوئی صورت
طلوع میرے افق سے کبھو تو ہونا ہے
***

اس دل کے خونی دریا میں ہم پہلی بار نہیں اترے
دکھ لیکن اب کے بھاری تھے ڈوبے تو پار نہیں اترے
سنسان افق تکتے تکتے اب آنکھیں ہمت ہار گئیں
جس صبح کا ہم سے وعدہ تھا اس کے آثار نہیں اترے
ہر صبح چمکتے سورج کی تھالی میں بھر کر آتے ہیں
اب تک ان خالی شاخوں پر کرنوں کے ہار نہیں اترے
اب آنکھ کی سوکھی جھیلوں پر گزرے وقتوں کے نوحہ گر
آنسو کے غول نہیں آئے اشکوں کے ڈار نہیں اترے
اب کوئی نہ ایسا موسم ہو جب نخل سخن کی شاخوں پر
معنی کے پھول نہیں آئیں حرفوں کی بہار نہیں اترے
اک اچھی ساعت آئے گی پھر تیز ہوا بتلائے گی
پانی زنجیر بنا کیسے ہم کیسے پار نہیں اترے ؟
***

وہ آس پاس نہیں پھر یہ سلسلہ کیسا؟
اجاڑ دشت میں خوشبو کا قافلہ کیسا؟
غبار ہو تو گئے ہم مگر یہ سچ کہنا
ہوا کے ساتھ رہا تھا مقابلہ کیسا؟
کسی کے بارے میں دن رات سوچتے رہنا
ہمارے ہاتھ بھی آیا ہے مشغلہ کیسا؟
جو زیرِ اب کہیں کوئی کشمکش ہی نہ تھی
تو سطحِ اب پہ پھوٹا تھا بلبلہ کیسا؟
ہمارے کام بگڑتے سنورتے رہتے تھے
مگر ہوا ہے یہ اب کے معاملہ کیسا؟
***

دلوں کی ساری کدورت کو صاف کرنے کو
وہ آئے گا میرا سینہ شگاف کرنے کو
یہ راستہ تو اسی شہر کو پلٹ آیا
ادھر تو آئے تھے ہم انحراف کرنے کو
اٹھے وہ آنکھ تو کھل جائیں بند دروازے
کھلیں وہ لب تو کوئی انکشاف کرنے کو
اگر حساب میں کچھ اور ماجرا نکلا
تو کون کس سے کہے گا معاف کرنے کو؟
***

ہوائے تازہ چلی ہے اِدھر بھی آئے گی
کھُلے رہیں گے دریچے تو گھر بھی آئے گی
دلوں میں اونچی اڑانوں کا خواب زندہ رہے
تو فصلِ حوصلۂ بال و پر بھی آئے گی
کبھی اِدھر تو کبھی اس طرف ملیں گے ہم
سفر بھی ہوتا رہے گا خبر بھی آئے گی
سکون ملتا ہے یہ بار بار کہنے سے
کہ رات ہے تو یقیناً سحر بھی آئے گی
گزر کے دشتِ جنوں سے مری قبائے شوق
کبھی سفید کبھی خوں میں تر بھی آئے گی
***

لفظوں کی تصویریں اور صدا کے رنگ بکھرتے ہیں
اکثر میں اور تنہائی جب اس کی باتیں کرتے ہیں
اک آہٹ سی اک سایا سا جلتے بجھتے کچھ جگنو
ساری رات مرے آنگن میں کھیل تماشے کرتے ہیں
دل کیسا ویران کھنڈر ہے ارمانوں کا اب بھی جہاں
روتے رہتے ہیں سناٹے سائے آہیں بھرتے ہیں
اور پروں کو مل جاتا ہے تیز اڑانوں کا ورثہ
بال و پر اڑنے والوں کے جتنی بار کترتے ہیں
صبح زمینِ دل پہ کچھ قدموں کے نشاں تو ملتے ہیں
لیکن آخر کون ہیں جو دل کی بستی سے گزرتے ہیں ؟
موجوں کی یلغار سے اکثر کشتی ڈوب بھی جاتی ہے
اور جزیرے کھوئے ہوئے بھی ان موجوں سے ابھرتے ہیں
***

دکھوں کے جتنے ہیں منظر اگر شمار سکو
تو تم بھی میری طرح روز و شب گزار سکو
یہ کہتے رہتے ہو کتنا برا زمانہ ہے
تو پھر سدھار لو اس کو اگر سدھار سکو
وفورِ شوق کی دیوانگی میں ممکن ہے
کہ اپنی جان سی شے بھی کسی پہ وار سکو
عجیب موڑ پہ آ کر رکی ہے یہ بازی
کہ جس کو جیتنا ممکن نہ جس کو ہار سکو
***

ہریالی کی آس جگا دی جنگل میں
برف رتوں نے آگ لگا دی جنگل میں
اچھی سی اک خبر اڑا دی جنگل میں
اسی بہانے دھوم مچا دی جنگل میں
شہروں کی وحشت کا رخ اس جانب تھا
پیڑوں نے دیوار اٹھا دی جنگل میں
شاخ پہ یا تو سرخ کلی ہے یا اپنا
گھونگھٹ کاڑھے ہے شہزادی جنگل میں
اپنا رنگ اور اپنی مستی مانگتے ہیں
وحشی خواہش اور آزادی جنگل میں
سب آوازیں سنّاٹے میں ڈوب گئیں
آج ہوئی پھر کوئی منادی جنگل میں ؟
***

اگر سچّا سخنور ہے بولتا ہے
تو لفظوں کا پیمبر بولتا ہے
مری تخئیل کے پہلو میں اکثر
نہ جانے کس کا شہپر بولتا ہے ؟
دھوئیں کی ہیں بہت لمبی زبانیں
پسِ منظر سے منظر بولتا ہے
کبھی کلیوں کو کھِلتے وقت سنیے
کوئی لہجہ بدل کر بولتا ہے
میں اس سے بات کرنا چاہتا ہوں
جو میرے دل کے اندر بولتا ہے
عجب جادو ہے اس کی گفتگو میں
مخاطب ہو تو پتھر بولتا ہے
***

وہی پرانا نئے میں ڈھل کر آ جاتا ہے
ایک ہی منظر بھیس بدل کر آ جاتا ہے
جب وہ چہرہ خواب میں چل کر آ جاتا ہے
کوئی چراغ سا رات میں جل کر آ جاتا ہے
رنگ دکھائے گا وحشی اس کوچے میں بھی
ابھی تلک تو صرف ٹہل کر آ جاتا ہے
سنّاٹے میں خوف کی آہٹ سنتے ہی بس
منھ میں سارا خون اچھل کر آ جاتا ہے
آنے والا آندھی بارش کہرے میں بھی
دھیرے دھیرے سنبھل سنبھل کر آ جاتا ہے
***

سراغ اس کا اب ایسے لگا کے دیکھوں گا
میں اک چراغ ہَوا میں جلا کے دیکھوں گا
پسِ خیال یہ کیا ہے ؟ جو جھلملاتا ہے
میں اس خیال کا پردہ اٹھا کے دیکھوں گا
لہو ضرور دکھائے گا اپنا رنگ کبھی
تو بار بار نیا زخم کھا کے دیکھوں گا
کچھ اور آئینہ ماضی کا صاف ہو جائے
تو اپنے حال سے آگے بھی جا کے دیکھوں گا
بنا تو کیسے بنے گا وہ آرزو کا محل؟
خیال ہی میں مرقع بنا کے دیکھوں گا
چھپائے رہتے ہیں اس کو حواس کے پردے
تو اپنا ہوش بھی اب کے گنوا کے دیکھوں گا
***

اثر دعا کا کبھی یوں بھی آشکار کیا
کہ اس نے دھوپ کی چادر کو سایہ دار کیا
یقین میں بھی نہ کرتا تو اور کیا کرتا؟
چراغ نے بھی ہواؤں کا اعتبار کیا
نقاب ہی نہیں الٹی کلی کے چہرے کی
صبا نے پیرہنِ گل بھی تار تار کیا
اُدھر پہنچ کے تو حیران رہ گئے ہم بھی
کہ وہ تو سرخ سمندر تھا جس کو پار کیا
وہ جان دے کے بھی زندہ رہا کہ اس کا نام
تمام اہلِ قبیلہ نے اختیار کیا
ہمارے کام کی نکلیں تو ہم نے آنکھوں کو
کبھی خوشی میں کبھی غم میں اشکبار کیا
***

سخن جب بھی ہم اس کے اسم سے آغاز کرتے ہیں
تو پھر لفظوں کو جادو نطق کو اعجاز کرتے ہیں
ہوا پہچان کر شاید اٹھا لے اپنے ہاتھوں پر
تھکے ہارے پروں ہی سے چلو پرواز کرتے ہیں
ابھی تک جس کے سب کردار زندہ اور سلامت ہیں
نئے انداز سے قصہ وہی آغاز کرتے ہیں
ہوا کے گیت سن کر جھومنے لگتی ہیں کیوں شاخیں ؟
جنہیں معلوم ہے افشا وہ کب یہ راز کرتے ہیں
نشاں اب بھی چمکتے ہیں فضا اب بھی مہکتی ہے
کہ گزرا و ہ جہاں سے بھی وہ رستے ناز کرتے ہیں
***

کہیں شہرِ سبا آباد ہو جائے
تو ہر بندہ سلیماں زاد ہو جائے
کہاں شیریں کہاں مٹّی کی چاہت
یہ جس کا نام لے فرہاد ہو جائے
مقابل سے مخاطب ہوکے دیکھیں
کبھی تو عکس بھی ہم زاد ہو جائے
کچھ ایسا ہو اڑانوں کا تصوّر
پروں کی قید سے آزاد ہو جائے
بہ مجبوری یہ احساسِ تشکّر
لبوں تک آئے تو فریاد ہو جائے
پرانے زخم پھر بھرنے لگے ہیں
کوئی تازہ ستم ایجاد ہو جائے
میں اس کو اتنا پڑھنا چاہتا ہوں
کہ وہ مجھ کو زبانی یاد ہو جائے
***

روزنِ ملال

اسعدؔ ! یہ نظم تمہارے لئے

سخن کی مجلسِ ماتم میں کس کا ذکر ہوتا ہے ؟
کہ سب حرف و بیاں کالی ردا میں منھ چھپائے ہیں
کہ نطق و لب کا بھی رشتہ شکستہ ہو گیا ہے
تکلّم ساکت و جامد پڑا ہے !!
خموشی بین کرتی ہے !
کوئی جھونکا ہَوا کا یا صدا کا یا دعا کا
دکھا دیتا ہے ان لفظوں کا چہرہ
تو وہ ہے اس قدر نمناک و نمدیدہ
فسردہ اور رنجیدہ
جسے رنج و الم کی زرد بارش تر بتر کر دے
بدن کو چشمِ تر کر دے !!
نہیں کھلتا کہ پانی ہے کہ آنسو ہیں ؟
کہ خونِ دل کے قطرے ہیں ؟
جو ان بھیگے ہوئے لفظوں کی نس نس سے ٹپکتے ہیں !
وہی نخلِ سخن خوش رنگ خوشبو دار جس میں پھول کھلتے تھے
معانی کی نئی سرسبز روشن نہر جن سے پھوٹتی تھی
سخن کی وادیوں میں فکر تازہ گونجتی تھی
اچانک دھوپ کی شدت سے خاکستر ہوا ہے
وہ رنگ و روپ پھیکا پڑ گیا ہے
غبارِ وقت بن کر اڑ گیا ہے !!
بلانے والے سب الفاظ گونگے اور بہرے ہو چکے ہیں
سماعت کے چمن میں ایک لمبی چپ کا ڈیرہ ہے
کوئی آہٹ نہ دستک صرف سناٹے کا پہرہ ہے !!
کسی دن حرفِ غم ہی بند دروازے کو کھولے گا
طلسمِ خامشی ٹوٹے گا اک اک حرف بولے گا
بیاں قربان ہو گا منفرد لہجے کی ندرت پر
رہے گا وقت بھی حیران اس کے فن کی عظمت پر
کرے گا آسماں شبنم فشانی اس کی تربت پر
زمینِ شوق کا سارا علاقہ سلطنت اس کی
یہاں اس کی حکومت قائم و دائم رہے گی!
***

ایک غزل اسعدؔ کے نام

نہیں تھا کوئی ستارہ ترے برابر بھی
ہوا غروب ترے ساتھ تیرا منظر بھی
پگھلتے دیکھ رہے تھے زمیں پہ شعلے کو
رواں تھا آنکھ سے اشکوں کا ایک سمندر بھی
کہیں وہ لفظ میں زندہ کہیں وہ یادوں میں
وہ بجھ چکا ہے مگر ہے ابھی منور بھی
عجب گھلاوٹیں شہد و نمک کی نطق میں تھی
وہی سخن کہ تھا مرہم بھی اور نشتر بھی
منافقوں کی بڑی فوج اس سے ڈرتی تھی
اور اس کے پاس نہ تھا کوئی لاؤ لشکر بھی
***

گجرات I

بس ایک آن میں منظر کی آنکھ بند ہوئی
تمام رنگ مہکتی ہوئی فضاؤں کے
تمام گیت بہکتی ہوئی ہَواؤں کے
تمام لفظ بلکتی ہوئی دعاؤں کے
تمام حرف و بیاں شوق کی نگاہوں کے
تمام نور کے چشمے تمام دل کے دیار
تمام خواب تمنّاؤں کے گل و گلزار
تمام خاک ہوئے اور ایک ہی پل میں
اتھاہ گہرے اندھیرے کی سرد کھائی میں
فنا کی آخری ہچکی کے بعد
ڈوب گئے !!

اور اس کے بعد فضا نے غبار اوڑھ لیا
سحر کی ٹھنڈی ہوا اپنے بال بکھرا کر
نہ جانے کس کے لئے بین کر کے روتی رہی؟
سیاہ سوگ کی تنہائی میں ڈبوتی رہی
حقیقتوں کی نہ پوچھو کہ خواب بھی نہ رہے
فقط سوال ہیں جن کے جواب بھی نہ رہے
نہ جانے کون سا غم تھا کہ جس کے بوجھ تلے ؟
بلند و بالا مکانوں نے خود کشی کر لی
جنوں میں صحرا نے کھیتوں نے سبزہ زاروں نے
خود اپنے جیب و گریباں چاک کر ڈالے
زمین بھوک میں اپنے بدن کو کھانے لگی
یہ لگ رہا تھا کہ جیسے قیامت آنے لگی

مگر کسی کو کرشمہ دکھانا ہوتا ہے
کرامتوں کا بھی کوئی زمانہ ہوتا ہے
کہ یہ بھی تھا کہ اندھیرے کی سرد کھائی میں
کہ خوف اور اذیت کی بے پناہی میں
جو انتظار کی امید کی ڈھلان پہ تھے
مگر یقین کا اپنے دیا جلائے ہوئے تھے
اور اپنے پالنے والے سے لَو لگائے ہوئے تھے
تو ان کو نیک فرشتے بچانے آئے ہوئے تھے
کہ روشنی کی بہر حال جیت ہوتی ہے
***

ایک غزل امن کی پہل کے نام*

ہَوا کے ہاتھ میں منہدی لگانے نکلے ہیں
غزالِ شوق کو دلہن بنانے نکلے ہیں
وہ روٹھ جانے کے فن میں بہت پرانا ہے
یہ جانتے ہوئے اس کو منانے نکلے ہیں
کھلی فضا کی بھی کچھ دیر سیر کرنا ہے
تو دیر تک کے سفر کے بہانے نکلے ہیں
جو بجھ گئے ہیں ہواؤں کی سازشوں سے چراغ
جلا سکے تو انہیں پھر جلانے نکلے ہیں
کوئی ضرور زمیں کی دعائیں سنتا ہے
دھوئیں کے ابر سے موسم سہانے نکلے ہیں
جو سرحدوں کے سوا دل بھی بانٹ دیتی ہے
اسی لکیر کو اب کے مٹانے نکلے ہیں
جو آگ پھیل گئی جنگلوں سے بستی تک
اب اس سے اپنے گھروں کو بچانے نکلے ہیں

*باجپئی جی کی لاہور بس یاترا ***

کاش

کبھی تو یوں ہو!
کہ دونوں چپ چاپ بیٹھے بیٹھے
بس ایک دوجے کو دیکھے جائیں
نہ آنکھ جھپکیں نہ لب ہلائیں
بس اس کے بارے میں سوچے جائیں
کہ ہوتے ہوتے بغیر حرف و صدا کا ہم پر
طریقِ گویائی منکشف ہو!
تو گفتگو ہو!!
طرح طرح کی ہزار باتیں
جو اس سے پہلے نہیں کہی تھی
مزے مزے کے تمام قصے
کہ جن کے پردے میں ہم چھپے تھے
سنائیں ایسے
بتائیں ایسے
کہ خود ہمیں بھی خبر نہ ہو
کبھی تو یوں ہو!!!
***

گھر

عجیب گھر تھا
کہ جس کے دیوار و در ہوا کے بنے ہوئے تھے
چہار اطراف روشنی کے حسین پردے پڑے ہوئے تھے
فصیل و محراب میں ستارے جڑے ہوئے تھے
تمام اشجار دست بستہ کھڑے ہوئے تھے
عجیب گھر تھا!

دھنک کے سب رنگ
اس کے نقش و نگار میں جگمگا رہے تھے
فضا میں رقصاں طیور نغمے سنا رہے تھے
سفیر خوشبو کی مملکت سے بھی آ رہے تھے
مہکتے پھولوں سے بام و در کو سجارہے تھے
وہ اس کا گھر تھا!!

ہر ایک گوشے میں عکس اس کا چھپا ہوا تھا
اسی بدن کی مہک سے یہ گھر بسا ہوا تھا
بڑی سی تختی پہ نام اس کا لکھا ہوا تھا
اسی کی خاطر یہ قصرِ زریں بنا ہوا تھا
مگر کھلے جب کواڑ اس کے
تو میں نے دیکھا
کہ اس کے اندر تو میں ہی میں تھا!!!
***

یہ غزل تیستاسیتلواد*کے نام

سنہری صبح کا روشن اشارا جیسا ہے
کہیں کہیں کوئی جگنو ستارا جیسا ہے
صنم کدے کا بھی ایمان جاگتا ہے کبھی
کہ اس کے دل میں بھی اک رب ہمارا جیسا ہے
ہَوا چلے ہے تو چنگاریاں سی اڑتی ہیں
ہماری راکھ میں اک برق پارا جیسا ہے
امید ٹوٹی نہیں ہے ابھی اجالوں کی
چراغِ آخرِ شب بھی سہارا جیسا ہے
یہ سرخ پھول لہو رنگ پھول رستے نے
ہمارے نقشِ قدم کو ابھارا جیسا ہے
بدن سے مہکی ہوئی چاندنی سی پھوٹتی ہے
وہ آدمی ہے مگر ماہ پارا جیسا ہے
***
*ظہیرہ شیخ کی مددگار

٭٭٭
مصنف کی اجازت سے :
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

سخن آباد