اردو شاعری و کلام

سرِ گرداب

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (6,261 الفاظ)

سرِ گرداب

رام ریاض

کتب: پیڑ اور پتے، ورقِ سنگ انتخاب: نوید صادق، احمد فاروق  

نعت

جو بھی شیریں سخنی ہے مرے مکی مدنی تیرے ہونٹوں سے چھنی ہے مرے مکی مدنی

صنعتِ نعت میں الفاظ کے ہیروں کی تلاش ہنرِ کان کنی ہے مرے مکی مدنی

میں کہاں اور تری مدح کہاں، یہ تو تمام تیری رحمت فِگنی ہے مرے مکی مدنی

نسل در نسل تری ذات کے مقروض ہیں ہم تو غنی ابنِ غنی ہے مرے مکی مدنی

میری سوچوں سے مدینہ کی مسافت ہے طویل
میں ہوں اور خستہ تنی ہے مرے مکی مدنی

استقامت ترے اندر کہ تہِ آب چٹان اس پہ نازک بدنی ہے مرے مکی مدنی

دستِ قدرت نے ترے بعد، پھر ایسی تصویر نہ بنائی، نہ بنی ہے مرے مکی مدنی

کس سے نسبت ہے مجھے، کس کی ضرورت ہے مجھے؟
میرا مکی مدنی ہے مرے مکی مدنی

تیرا پھیلاؤ بہت ہے ترا قامت ہے بلند
تیری چھاؤں بھی گھنی ہے مرے مکی مدنی

میرے مسلک میں تو جس دل میں تری چاہ نہ ہو
کشتنی، سوختنی ہے مرے مکی مدنی

رام ملحد کہ مسلماں ہے کبھی فیصلہ دے ہر طرف رائے زنی ہے مرے مکی مدنی  

آج تنہائی میں دل ڈوب گیا بجھ گیا صبح کا تارا لوگو

اب تو ناراض نہ ہو گے ہم سے کر لیا ہم نے کنارہ لوگو

کوئی آندھی، نہ بگولہ، نہ ہوا دشت خاموش ہے سارا لوگو

تم بھی بے برگ نظر آتے ہو تم پہ چل جائے نہ آرا لوگو

رام دیکھا نہیں جاتا! ورنہ
اور سب کچھ ہے گوارا لوگو

  یاد کا موسم جب سے بادل چال ہوا اجڑ گئے سپنے، جیون جنجال ہوا

کھیتوں میں پھر سرسوں کی رُت آ پہنچی آج تجھے بن دیکھے پورا سال ہوا

تیری راہیں تکتے آنکھیں سُوج گئیں تیری چاپ ترستے دل پامال ہوا

تیرے غم میں پھٹ گئے سینے راہوں کے کیا بتلاؤں پیڑوں کا جو حال ہوا

رام نے شبنم موتی چننے چھوڑ دئیے
جب سے تری زلفوں سے مالا مال ہوا
 
اُبھرا جب آکاش پہ تارا دونوں وقت ملے
میں نے اچانک تجھے پکارا دونوں وقت ملے

سبز درختوں پر چُپ چھائی، ٹھہر گیا دریا
آج نگر سے کون سدھارا دونوں وقت ملے

رات نے مجھ سے تارے چھینے، دن نے سورج لوٹا
بھول گیا ہوں نام تمہارا دونوں وقت ملے

تند ہوا کی موجیں حائل تیرے میرے بیچ اور فضا جلتا انگارا دونوں وقت ملے

شام دلہن مسکائی جب یادوں کے پنگھٹ پر
میں نے دن کا بوجھ اتارا دونوں وقت ملے

پہروں بیٹھ کے روتا ہوں جب یاد آ جاتے ہیں
تیری باتیں، ندی کنارا دونوں وقت ملے

آج کا چاند نجانے یارو! قسمت کسے دکھائے
کہہ کر ڈوب گیا اک تارا دونوں وقت ملے

 
سرما تھا مگر پھر بھی وہ دن کتنے بڑے تھے
اس چاند سے جب پہلے پہل نین لڑے تھے

رستے بڑے دُشوار تھے اور کوس کڑے تھے لیکن تری آواز پہ ہم دوڑ پڑے تھے

بہتا تھا مرے پاؤں تلے ریت کا دریا
اور دھوپ کے نیزے مری نس نس میں گڑے تھے

پیڑوں پہ کبھی ہم نے بھی پتھراؤ کیا تھا
شاخوں سے مگر ٹوٹے ہوئے پات جھڑے تھے

جنگل نظر آئے ہیں بھرے شہر ہمیں تو
کہتے ہیں کہ اس دنیا میں انسان بڑے تھے

اے رام! وہ کس طرح لگے پار مسافر
جن کے سروسامان یہ مٹی کے گھڑے تھے

 

لوگ کیا کیا نہ ہمیں کہتے تھے ہم ہی پانی کی طرح بہتے تھے

یہ ترا شہر بسانے والے اپنے بھی دل میں کبھی رہتے تھے

کچھ نہ کچھ تم نے بھی سوچا ہو گا لوگ تم سے بھی تو کچھ کہتے تھے

جانے کیوں تیز ہوا سے پہلے پیڑ خاموش بہت رہتے تھے

یار ہی تیز نظر تھے شاید ہم تری بات کہاں کہتے تھے

رام جب وقت کا سیلاب آیا لوگ تنکوں کی طرح بہتے تھے

 

تنہائی اوڑھ لی ہے، کبھی غم بچھا لیا مشکل سے زندگی نے کوئی راستہ لیا

ایسے بھی لوگ وقت نے دکھلائے ہیں کہ ہم انجان بن گئے کبھی چہرہ چھپا لیا

جیسے ابھی تلک ہو مری راہ دیکھتا وہ پہلی شب کا چاند، وہ چہرہ سوالیہ

دھرتی کا بوجھ اتنا گرانبار تو نہیں
کیوں تم نے آسمان کو سر پر اُٹھا لیا

شاید ہمارے بعد ہمیں کوئی پوچھ لے ہم نے بھی اپنے نام کا کتبہ لکھا لیا

اس طرح ہنس رہے ہیں مری سمت دیکھ کر یاروں نے جیسے رام ہمالہ گرا لیا

 
آنکھوں میں تیز دھوپ کے نیزے گڑے رہے
ہم تیرے انتظار میں پھر بھی کھڑے رہے

تُم رُک گئے پہ سنگ کا میلہ نہ کم ہوا اس کارواں کے ساتھ مسافر بڑے رہے

میرے بدن پہ صرف ہوا کا لباس تھا تیری قبا میں چاند ستارے جڑے رہے

پیڑوں کو لوگ پوجتے آئے ہیں دیر سے پتے ہمیشہ پاؤں میں بکھرے پڑے رہے

شاید وہ رام میری طرح بدنصیب تھے جو لوگ تیرے پیار کی ضد پر اڑے رہے

 
اس ڈر سے اشارہ نہ کیا ہونٹ نہ کھولے
دیکھے کہ نہ دیکھے، کوئی بولے کہ نہ بولے

پتھر کی طرح تم نے مرا سوگ منایا دامن نہ کبھی چاک کیا، بال نہ کھولے

میں نے سرِ گرداب کئی بار پکارا ساحل سے مگر لوگ بڑی دیر سے بولے

میں عالمِ تنہائی میں نکلا ہوں سفر پر
پھر گردشِ ایام کہیں ساتھ نہ ہو لے

پھر رام یہاں چُپ کو بہت دیر لگے گی
جی کھول کے ہنس لے ابھی جی کھول کے رو لے

 

یادوں کے دریچوں کو ذرا کھول کے دیکھو
ہم لوگ وہی ہیں کہ نہیں، بول کے دیکھو

ہم اوس کے قطرے ہیں کہ بکھرے ہوئے موتی
دھوکا نظر آئے تو ہمیں رول کے دیکھو

کانوں میں بڑی دیر تلک گونج رہے گی خاموش چٹانوں سے کبھی بول کے دیکھو

ذرے ہیں، مگر کم نہیں پاؤ گے کسی سے
پھر جانچ کے دیکھو ہمیں پھر تول کے دیکھو

 

گئے وہ لوگ، یار! کون آج کس کا یار ہے
خزاں کے لوٹنے تلک ہمیں چمن سے پیار ہے

کوئی ہمارے درمیان اتنا فاصلہ نہیں
تمہارے دل پہ بوجھ ہے، ہمارے سر پہ بار ہے

یہ سوچنا! جو قیدِ زندگی سے بھاگنے لگو
بہت بلند ہے فصیل، تار خاردار ہے

کھُلے بدن تمام مفلسی کا شہر سو گیا
کسی کے دل میں خوف ہے نہ کوئی پہریدار ہے

کچھ ایسے شب گزار بھی ہیں رام جن کے واسطے
یہ چاند ریگزار ہے، یہ چاندنی غبار ہے

 

تم نے موسم کئی دیکھے ہوں گے یہ بڑے دن کبھی چھوٹے ہوں گے

یاد کرتے ہیں جنہیں لوگ بہت وہ بھی شاید ترے جیسے ہوں گے

پتھروں میں بھی کبھی جاں ہو گی یہ بھی ہنستے کبھی روتے ہوں گے

مفت احسان نہ لینا یارو دل ابھی اور بھی سستے ہوں گے

تیرا دامن تو ابھی اُجلا ہے پھر مرے ہاتھ ہی میلے ہوں گے

رام اس دھوپ بھری دنیا میں ایک دن پیڑ نہ پتے ہوں گے

 

تمہارے ساتھ ہی موسم بھی رُخ بدلنے لگے
ہوا تھمی ہے تو بارش کے تیر چلنے لگے

ہمارا خون ہے لاوا، ہمارے دل پتھر ہماری آنکھ سے آنسو کہاں نکلنے لگے

رہِ حیات میں یوں تم نے میرا ساتھ دیا
کہ جیسے چاند مسافر کے ساتھ چلنے لگے

پتا نہیں کہ وہ اب کس مقام پر ہو گا
سُنا ہے لوگ صداؤں سے تیز چلنے لگے
 

لوگ کب تک تری مورت دیکھیں اس سے بہتر کوئی صورت دیکھیں

تو کہ ہر شخص کو اُجلا سمجھے ہم کہ ہر دل میں کدورت دیکھیں

میرے دامن میں کوئی تار نہیں لوگ اب اپنی ضرورت دیکھیں

کوئی یوں بھی ہمیں پہچانتا ہے آؤ ہر ایک کی صورت دیکھیں

تو بھی پیارا ہے، زمانہ بھی حسیں تجھے دیکھیں کہ ضرورت دیکھیں

مرنے جینے کی ہزاروں فلمیں رام کس کس کی مہورت دیکھیں  

جانے کیا کچھ دل پر گزری آج جو دیکھا یاروں کو
کیسی مٹی چاٹ گئی ان پتھر کی دیواروں کو

ہم تو جنم کے اندھے ٹھہرے، ہمیں تو کچھ معلوم نہیں
دُنیا کب سے دیکھ رہی ہے سورج، چاند، ستاروں کو

تیز ہوا کے چلتے ہی یہ ریگ محل اُڑ جائیں گے
آؤ چھوڑ کے شہروں کو آباد کریں پھر غاروں کو

رام کسی کی صبحِ جوانی اتنی تو ہے یاد ہمیں
زلفوں سے کچھ دھُواں اُٹھا اور آگ لگی رُخساروں کو
 

ہم نشیں! تیری بھی آنکھوں میں جھلکتا ہے دھُواں
تو بھی منجملۂ اربابِ نظر لگتا ہے

میرے دل میں بڑے آئینے ہیں، تصویریں ہیں
سچ بتانا کہ تمہیں کیسا یہ گھر لگتا ہے

کوئی لیتا ہے ترا نام تو رُک جاتا ہوں
اب ترا ذکر بھی صدیوں کا سفر لگتا ہے

شب کے محبوس کو سونے کی اجازت ہی نہیں
آنکھ لگتی ہے کہ دیوار سے سر لگتا ہے

 

گزشتہ اہلِ سفر کو جہاں سکون ملا
نہ جانے کیوں ہمیں ان منزلوں پہ خون ملا

خراب وقت ہے، اب فاصلہ ہی بہتر ہے کبھی ملیں گے جو ماحول پُرسکون ملا

فلک کی سطح پہ تارے الگ چمکتے ہیں فضا کے نیلگوں پانی میں کب یہ خون ملا

کبھی زمانے سے مانگا تھا پیکرِ شیریں تراشنے کو ہمیں کوہِ بے ستون ملا

 

کسی نے دور سے دیکھا کوئی قریب آیا امیر شہر میں جب بھی کوئی غریب آیا

ہوا میں زہر گھُلا، پانیوں میں آگ لگی تمہارے بعد زمانہ بڑا عجیب آیا

کسی کو اب نہ ستائے گی مرگِ نامعلوم چراغِ دار جلا، موسمِ صلیب آیا

برس مہینوں میں، ہفتے دنوں میں ڈھلنے لگے
جو رام دور تھا وہ وقت اب قریب آیا

  کسی مرقد ہی کا زیور ہو جائیں کاش ہم پھول یا پتھر ہو جائیں

خشکیاں ہم سے کنارا کر لیں تم اگر چاہو سمندر ہو جائیں

تو نے منہ پھیرا تو ہم ایسے لگے جس طرح آدمی بے گھر ہو جائیں

اپنا حق لوگ کہاں چھوڑتے ہیں دوست بن جائیں برادر ہو جائیں

یہ ستارے، یہ سمندر، یہ پہاڑ کس طرح لوگ برابر ہو جائیں

آمدِ شب کا یہ مطلب ہو گا رام کچھ چہرے اجاگر ہو جائیں  

زنداں میں بھی وہی لب و رُخسار دیکھتے دروازہ دیکھتے، کبھی دیوار دیکھتے

کس درجہ آنے والے زمانے کا خوف تھا بجتا گجر تو شام کے آثار دیکھتے

سب دوڑتے تھے اس کی عیادت کے واسطے جس کو ذرا سا نیند سے بیدار دیکھتے

اب کیا کہیں، وہ اجنبی کیسا تھا ہم جسے
آنکھوں پہ ہاتھ رکھ کے بھی ناچار دیکھتے

تیرے سَوا بھی کچھ نظر آنا محال تھا دنیا کو دیکھتے کہ ترا پیار دیکھتے

 

تیرا درد بھی یوں جھلکے ہے اب تیری آوازوں سے
جیسے روشنی باہر نکلے شیشے کے دروازوں سے

میں بھی تیرے بازو تھاموں میں بھی تیرے ساتھ اُڑوں
لیکن مجھ کو ڈر لگتا ہے ان اُونچی پروازوں سے

آنکھیں ڈھونڈتی رہتی ہیں کچھ ، کان سے بجتے رہتے ہیں
میں نے جب سے ناتا توڑا سایوں اور آوازوں سے

دل کے گھاؤ بڑے روشن ہیں آنکھیں لَو دے اُٹھیں گی
لاکھ اپنے چہروں کو چھپاؤ رنگ برنگے غازوں سے

سب کو اپنا حال سنائیں، سب سے تیرا ذکر کریں
کیسے کیسے فن سیکھے ہیں ہم نے زمانہ سازوں سے

 

سامانِ طرب اور زمانے کے لئے ہیں ہم جسم کا اسباب اُٹھانے کے لئے ہیں

اے کاریگرِ حسن کبھی تو نے یہ سوچا
یہ چاند بھی مٹی میں ملانے کے لئے ہیں

ان سوختہ جانوں کو نہ دھرتی میں اُتارو
یہ پھول تو گنگا میں بہانے کے لئے ہیں

سورج کی طرف دیکھ کے آنکھیں نہیں بجھتیں
دو ہاتھ ابھی چہرہ چھپانے کے لئے ہیں

یہ اس کا نصیبہ، کوئی جاگے کہ نہ جاگے
ہم آٹھ پہر شور مچانے کے لئے ہیں
 

ستارہ وار چمکنے لگے ہیں شام سے لوگ تری تلاش میں نکلے کس اہتمام سے لوگ

کچھ ایسے بُت بھی نہیں ہیں کہ ہم جواب نہ دیں
اگر ہمیں بھی پکاریں کسی مقام سے لوگ

نہ جانے کون سی منزل پہ جا کے ٹھہریں گے
ترے ستم سے گریزاں، مرے سلام سے لوگ

فضا میں کس قدر اونچی اڑان رکھتے تھے
ہوا تھمی ہے تو کیسے گرے دھڑام سے لوگ
 

تیری محفل میں ستارے کوئی جگنو لایا
میں وہ پاگل کہ فقط آنکھ میں آنسو لایا

جب بھی دنیا میں کسی قصر کی بنیاد پڑی
سنگ کچھ میں نے فراہم کئے کچھ تو لایا

تو نے عالم سحروشام میں تقسیم کیا
اور میں دل میں نہ کبھی فرق سرِ مُو لایا

مجھ کو اک عمر ہوئی خاک میں تحلیل ہوئے
تو کہاں سے مری آنکھیں، مرے بازو لایا

ان میں کوئی نہیں لگتا ہے شناسا چہرہ رام کس آئنہ خانہ میں مجھے تو لایا

 

ہر ایک دن کے تصور سے رات بنتی ہے حصارِ رنگ سے نکلیں تو بات بنتی ہے

کسی کسی کو زمانہ فروغ دیتا ہے کسی کسی کی زمانے کے سات بنتی ہے

نقوشِ ریگ سہی، تو بھی کچھ بنا کے تو دیکھ
کہ رفتہ رفتہ یونہی کائنات بنتی ہے

مرے نجوم پہ اب مستقل اندھیرا ہے تری نگاہ میں کب چاند رات بنتی ہے

خلاء میں رام کئی بار غور سے دیکھا کسی کی آنکھ ہی وجہِ ثبات بنتی ہے

راہوں کو اندھیرے نگل رہے ہیں قبروں پہ چراغ جل رہے ہیں

کچھ جاگتے میں بت بنے ہوئے ہیں کچھ نیند میں ہیں اور چل رہے ہیں

جھونکا تو ہوا کا گزر گیا ہے اشجار کھڑے ہاتھ مَل رہے ہیں

تاروں کی لویں کانپنے لگی ہیں بستی سے مسافر نکل رہے ہیں  

چین آیا ہے تو اب نیند بھی آ جائے گی
اور دھرتی ہمیں آرام سے کھا جائے گی

تو یونہی دیکھتا رہ جائے گا ، اور موجِ ہوا
پُستکِ عمر کے سب حرف مٹا جائے گی

ہم نشیں تو بھی کسی روز وہاں ہو گا جہاں
مری دستک، نہ اشارہ، نہ صدا جائے گی

اب یہ آواز ہمیں خوف زدہ رکھتی ہے
اتنے مخلص ہو، تمہیں موت بھی آ جائے گی

باولی دھوپ! مرے صحن سے باہر مت جا
ایسی گرمی میں کہاں آبلہ پا جائے گی

جو برق و باد پروں سے نکال دیتے ہیں ہم ان کو ہم سفروں سے نکال دیتے ہیں

ترا بھی مہر و مروت پہ اعتقاد نہیں تو ہم یہ خواب سروں سے نکال دیتے ہیں

جو دل نہ جوڑ سکے، اب تو شیشہ گر اُس کو
سنا ہے شیشہ گروں سے نکال دیتے ہیں

تجھے بھی دن میں اندھیرا نظر نہیں آتا
تجھے بھی دیدہ وروں سے نکال دیتے ہیں

صبا اُدھر سے کبھی لوٹ کر نہیں آئی اِسے بھی نامہ بروں سے نکال دیتے ہیں

میں رام سب سے بڑا ہوں اور اس زمانے میں
بڑوں کو لوگ گھروں سے نکال دیتے ہیں

 

ہمارے سامنے کچھ مبتلائے غم گزرے پھر اس کے بعد اُسی راستے سے ہم گزرے

نہ تو جلا ، نہ کبھی تیرے گھر کو آگ لگی
ہمیں خبر ہے کہ جن مرحلوں سے ہم گزرے

ہمیں زیادہ خد و خال کی نہیں پہچان کہ ایسے لوگ ہماری نظر سے کم گزرے

رہِ حیات میں کانٹے رہے کہ انگارے ٹھہر ٹھہر کے چلے اور قدم قدم گزرے

یہ انتظارِ قیامت بڑا قیامت ہے جو رام ہم پہ گزرنی ہے ایک دم گزرے

 

ہی دلدار، وہی یار، یگانہ اپنا اسی کافر سے تعلق ہے پرانا اپنا

تم زمانے کے مخالف تھے مگر تم پر بھی
کچھ نہ کچھ چھوڑ گیا رنگ زمانہ اپنا

آخری بار وہ اس شان سے بچھڑا ہے کہ پھر
اس سے ملنے کو کبھی دل نہیں مانا اپنا

پرسشِ درد پہ دنیا کا حوالہ دینا میرا پوچھے تو اسے حال سنانا اپنا

تیرے ہمسائے بنے ہیں تو یہ معلوم ہوا کتنا مشکل ہے کوئی غیر بنانا اپنا

صبح تک رام کسی نے ہمیں آواز نہ دی اس طرح ٹوٹ گیا خواب سہانا اپنا

 

جو دل ملا تھا ہمیں شکر ہے زباں بھی ملی
کہ اس مکاں میں کوئی راستہ تو دود کا ہے

وہ ساحلوں پہ کھڑا لہریں گنتا رہتا ہے
حصول کچھ بھی نہیں، کاروبار سود کا ہے

پڑھے گا کون یہاں اشتہار عبرت کا کہ تجھ کو نام کا لپکا مجھے نمود کا ہے

مجھے تمہاری رفاقت پہ اعتراض نہیں مگر تمہارا زمانہ تو کھیل کود کا ہے

مری رسائی میں یہ مشکلات ہیں کہ مری
بساط ، خاک کی ہے اور سفر، عمود کا ہے

خبر نہیں، وہ ہمیں رام کیوں نہیں ملتا
وگرنہ روح سے کیا فاصلہ وجود کا ہے

  بازار میں بکتی ہے بڑائی مرے بھائی پیسہ ترے پلے ہے نہ پائی مرے بھائی

دیوار پہ ہمسائے کئی قتل ہوئے ہیں اور وہ بھی کسی نے نہ بنائی مرے بھائی

اس واسطے میں خاکِ وطن کا ہوں محافظ
یہ بھی ہے غریبوں کی کمائی مرے بھائی

قرضے کبھی قوموں‌کو ابھرنے نہیں دیتے
کھا جاتا ہے احساسِ گدائی مرے بھائی

دشمن تجھے کیسے نظر آنے لگے دشمن تو نے ابھی دیکھے نہیں بھائی مرے بھائی

سب اپنا لہو چاٹ کے ہو جاتے ہیں خاموش دیتا ہے یہاں کون دہائی مرے بھائی

میں سوچ رہا تھا تجھے کس طرح ملا جائے پھر ایک زمانے کی جدائی مرے بھائی

اک دن ترے خاکے میں وہی رنگ بھرے گا جس نے تری تصویر بنائی مرے بھائی

کنجِ تنہائی میں آرام سے سونے والے یاد آئیں گے کسی دن تجھے رونے والے

یہ تو ہو گا، تری ہو جائے گی دنیا، لیکن
بے طلب ہم سے نہ ہوں گے ترے ہونے والے

جا مرے چاند! اُدھر کھیل کسی اور کے ساتھ
میرا بچہ بڑا ضدی ہے کھلونے والے

کبھی راتوں کے کھڑے پانی میں تارے تَیرا
چاند تو ڈوب ہی جائے گا ڈبونے والے

اس طرح کون مرے بعد تجھے دیکھے گا تیز کرنیں مری آنکھوں میں چبھونے والے

تو جو بچھڑا ہے تو اب بھول گیا ہوں یہ بھی
کتنی تعداد میں تھے بھیڑ میں کھونے والے

رام بستی کی زمینیں تو ہیں زرخیز مگر
اب یہاں کاٹنے والے ہیں نہ بونے والے

تیری صورت، تری آواز بھی پہچانتے ہیں
ہم کسی اور حوالے سے تجھے جانتے ہیں

ہم نے بھی عمر گزاری ہے شبِ ہجراں میں
ہم بھی یاروں کو ستاروں کی طرح جانتے ہیں

ہاتھ خالی ہیں تو دانائی کا اظہار نہ کر
ایسی باتوں کا بڑے لوگ برا مانتے ہیں

اس قدر اوجِ نزاکت پہ ہے اب رشتۂ جاں ٹوٹ جاتا ہے اگر اور اسے تانتے ہیں

کس طرح میں تجھے مٹی کے حوالے کر دوں
لوگ تو زر کے لئے ریت کو بھی چھانتے ہیں

رام اب شہر میں رہنے کا ارادہ ہی نہیں
دل لگانے کے تو ہم سارے ہنر جانتے ہیں
 

اگر ہم زندگی کا راسہ ہموار کر لیں گے
ہمارے بعد کافی لوگ دریا پار کر لیں گے

وطن پر جان دینے کے لئے تم ہم سے کہتے ہو
یہ کوئی کام ہے، اس کو تو دنیا دار کر لیں گے

اسے تو کیا شفا ہو گی، مجھے کچھ ایسا لگتا ہے
یہ چارہ ساز اپنے آپ کو بیمار کر لیں گے

ہمارے واسطے ہمسائیگی بھی اس کی نعمت ہے
جدائی ہو گئی تو درمیاں دیوار کر لیں گے

 

سنا ہے پھر چمن میں آ گئے ہیں دن بہار کے
کہاں چلے گئے ہو دوستو! ہمیں پکار کے

بکھر گئے ہیں پات، دکھ سے جھک گئی ہیں ڈالیاں
ہوا کو جانے کیا ملا گلوں کو لوٹ مار کے

کدھر وہ کاروانِ لالہ زار شب نکل گیا
ہمیں مہیب تیرگی کے غار میں اتار کے

بڑے بڑوں کو رام زندگی فریب دے گئی
کسی پہ خاک ڈال کر، کسی کو پھول مار کے

 

فروغِ حسنِ طلب دیکھنے میں آیا ہے کہیں سنا ہے، وہ اب دیکھنے میں آیا ہے

تمہارے سامنے جو دیکھنے سے قاصر تھے تمہارے بعد وہ سب دیکھنے میں آیا ہے

طویل رات، مسلسل سکوت، خواب ہی خواب
پھر اس کے بعد وہ کب دیکھنے میں آیا ہے

میں جب بھی دل کے خرابے سے رام گزرا ہوں
ہجومِ عارض و لب دیکھنے میں آیا ہے

 

کون سا سانپ تمہیں سونگھ گیا بولتے کیوں نہیں، بولو یارو

ہم سے نفرت ہے تمہیں دیکھ ، لیا تم مگر آنکھ تو کھولو یارو

جانے کیا چاند چڑھے رات گئے دن بھر آرام سے سو لو یارو

مجھ سے یہ بوجھ اٹھایا بھی نہ جائے اتنا جھکتا بھی نہ تولو یارو

 

لوگ بڑے ہمدرد، زمانہ اچھا ہے
پھر بھی یارو! زخم چھپانا اچھا ہے

شاید کوئی بچھڑا ساتھی آن ملے سارے رستے گرد اڑانا اچھا ہے

اتنا زیادہ خون کہاں سے لاؤ گے بیماروں کو زہر پلانا اچھا ہے

دیکھو، اپنا آپ جہاں تک دیکھ سکو اس سے آگے آنکھ چرانا اچھا ہے

 

وہ لوگ اب وہ لوگ نہ جانے کدھر گئے میلے بھرے بھرائے جو سنسان کر گئے

کچھ ساتھیوں کو وقت کا سنسار لے گیا کچھ زندگی کے بوجھ تلے آ کے مر گئے

آنکھوں میں ایک بوند بھی پانی نہیں رہا
بادل سمٹ گئے ہیں کہ دریا اتر گئے؟

ایسے بھی رام ہم کو کئی ہم سفر ملے جو ساتھ چھوڑ کر بڑا احسان کر گئے

 

بات آئی گئی، ہٹو بابا اب مری راہ چھوڑ دو بابا

تم نے آنکھوں کی روشنی دے دی رہتی دنیا تلک جیو بابا

اس جگہ خیر کا رواج نہیں اپنا دامن سمیٹ لو بابا

یہ زمانہ ہُوا کنویں کی صدا جو کہا ہے، وہی سنو بابا

چل رہی ہے بہت لطیف ہوا ذرا آہستہ سانس لو بابا

جانے کس وقت موت آ جائے عمر بھر جاگتے رہو بابا  

سب اعتراض اُسے شیوۂ وفا پر تھا کہ اُس نے چھوڑ دیا، اختیار ہم نے کیا

سوائے صبر، ہمارے کچھ اور بس میں نہ تھا
سو جتنا ہو سکا، پروردگار! ہم نے کیا

رفاقتوں کا ہمارا وسیع تجربہ ہے کہ ایک عمر یہی کاروبار ہم نے کیا

کہاں تھی پہلے ترے رُخ پہ سرخیِ تحریر
نگار تھا، تجھے جادو نگار ہم نے کیا

جو بات بیٹھ گئی رام دل میں بیٹھ گئی نہیں گئی، اسے رخصت ہزار ہم نے کیا

بچھڑنے والوں کو کیا کیا گمان رہتا ہے
کسی کا نام، کسی کا نشان رہتا ہے؟

مجھے تلاش نہ کر اب ہجومِ یاراں میں اُبھرتے شہر میں کچا مکان رہتا ہے

نشاطِ رفتہ کی آنکھوں میں روشنی ہے ابھی جہاز ڈوب گیا، بادبان رہتا ہے

ہزار دُکھ ہیں مگر رام کس سے بات کریں ہمارا کون یہاں ہم زبان رہتا ہے

 

فردیات

کسی مقام پہ ہوتا میں آج، یاروں نے کسی سفر میں ترے ساتھ چلنے ہی نہ دیا

فلک میں بات یہ دیکھی، کوئی ستارہ ہو
جسے گرایا، اسے پھر سنبھلنے ہی نہ دیا
**

تیری قسمت میں بھی کچھ ہے کہ نہیں تو ذرا ہاتھ تو پھیلا، دیکھیں

جان سے ہاتھ نہ دھوئے جائیں اور بہتا ہوا دریا دیکھیں **

میں رشک سے کسی کی طرف دیکھتا نہیں
میرا نصیب ہے، مری اپنی برات ہے
**
 
افق کے پار، کہیں دور تیری منزل ہے
میں تیرے پاس بھی آیا تو مر کے آؤں گا
**

سفر کی دھوپ تجھے اس لئے نہ راس آئی
کہ تیری راہ میں سرو و سمن زیادہ رہے
**

لوگ تو چل دئیے معبدوں کی طرف ہم ترے سنگِ در کے قریب آ گئے **

آوارہ لوگ شہر کی گلیوں میں سڑ گئے وہ پیڑ کٹ گئے ہیں کہ رستے اُجڑ گئے

کس طرح چھا گئی ہے مکانوں پہ خامشی کس گہری سوچ میں در و دیوار پڑ گئے

اکثر ہوا ہے ، ایسی بھی ٹھنڈی ہوا چلی
جینے کی آرزو میں ہرے پات جھڑ گئے
**
 
جہاں بھی چھاؤں ملی، چار یار بیٹھ گئے
اگر کبھی شجرِ سایہ دار بیٹھ گئے

تری نگاہ فقیروں پہ اب اٹھے نہ اٹھے تری نگاہ کے امیدوار بیٹھ گئے

بلا سے، دھوپ پڑے، سر پہ اب کہ برف گرے
کھلی فضا میں غریب الدیار بیٹھ گئے
**

چاند ڈوبا ہے تو عالم نے دُہائی دی ہے
کیا تمہیں بھی کوئی آواز سنائی دی ہے؟
**

فلک کے رخ پہ میں بستی بسانے والا تھا
بکھر گیا ہے خلاؤں میں تانا بانا مرا
**

ہم جہاں ڈوبے کوئی پتھر نہ کوئی نقش ہے
موج تھی گھل مل گئی، پانی برابر ہو گیا
**

دیر تک میکدہ خاموش رہا میں گرا ہوں تو پیالے ٹوٹے

آستینوں میں چھپاؤ گے صنم رام جس دن یہ شوالے ٹوٹے **

تمہاری بات ہوئی اور ہم زمانے سے بُرے بنے وہ الگ، شور جو ہوا وہ ہوا **

یہاں کوئی نہیں آیا گیا تو کس کے لئے
سحر کو فرش بچھے، شب کو شامیانے لگے

مرا ہنر انہیں اتنا پسند آیا کہ وہ
ہنر کے ساتھ مرا گھر بھی قومیانے لگے
**
 
یہ ہار، یہ مہکار سراپا تری زلفیں
یہ ناز یہ انداز سراسر ترے جادو

ہر شخص یہاں تیری زباں بول رہا ہے حیران ہوں کس طرح چڑھے سر ترے جادو **

بے گھر ہوئے کہ ان سے کنارا نہیں کیا تھا زہر کون سا جو گوارا نہیں کیا

کس بزمِ تیرگی میں جلایا نہیں ہے دل
کس اشکِ غم کو ہم نے ستارا نہیں کیا
**

میں جب بھی ساتھیوں کو دور سے آواز دیتا ہوں
تو اکثر پوچھتے ہیں رام بھائی بوجھ کتنا ہے
**
 
اس وحشت میں کیا رکھا ہے
پھولو! چاک گریباں سی لو

ہم کو کسی دن لے ڈوبو گی روپ رتن آنکھوں کی جھیلو **

بہتی ہوئی پُروا میں ہر اک پھول کی ٹہنی
آشفتہ خیالوں میں مگن جاگ رہی ہے
**

کیسے کیسے کام کر جاتے ہیں لوگ ہم نے دیکھا ہے کہ مر جاتے ہیں لوگ

مسکراؤ یوں نہ اپنے حال پر
دوستو! محسوس کر جاتے ہیں لوگ

راستے سوئے پڑے رہتے ہیں رام کتنے آہستہ گزر جاتے ہیں لوگ **

کتنا احساس کر گئے آنسو آنکھوں آنکھوں میں مر گئے آنسو **

بڑے سکون سے پانی کی تہہ میں بیٹھ گیا
کوئی تو رام یہاں اس قدر ہَوا سے بچا
**

ترا کرم ہے، نوازش ہے، مہربانی ہے
میں اپنے بارے میں اب اور کیا بتاؤں تجھے
**

دیکھیں اس کالے صحرا میں ساتھی کوئی ہمارا ہو
اک آواز سی کان پڑی ہے جیسے کوئی پکارا ہو

ہم بھی کبھی دریا تھے اب تو دریا دیکھنے والے ہیں
سیلِ وقت کے ہاتھوں جب سے بیٹھ گئے ہیں کنارا ہو

روز یہی رونا ہے کس کے ساتھ گزاریں دن اور رات
سارے ہمارے دشمن ٹھہرے سورج ہو کہ ستارا ہو
**

یہ گھنے لوگ، یہ چوڑے بازار شہر میں کون اکیلا جائے

جانے کیوں آدمی یہ سوچتے ہیں اپنے بارے ہی میں سوچا جائے

اب وہ بستی ہے نہ بستی والے کیا تجھے یاد دلایا جائے **

اے دوست ترا قرب مجھے چاٹ گیا ہے میں اتنی مروت کا سزاوار نہیں تھا **

آنکھیں بھی مری بند، مرے ہونٹ بھی لف ہیں
اس پر بھی کئی لوگ یہاں سنگ بکف ہیں

دنیا نے ترا میرا سکوں بانٹ لیا ہے
کچھ تیری حمایت میں ہیں، کچھ میری طرف ہیں
**

کل میکدہ میں رام قیامت کا شور تھا
میں بے خبر تھا، میں نے بھی جو کچھ سنا، کہا
**

پہلے اس راہ میں ہنگامہ رہا کرتا تھا
اب تری یاد بھی خاموش گزر جاتی ہے
**

فقیر ہوں، نہ گداگر، نہ میں بھکاری ہوں
مرے سوال کو اپنی گلی کا موڑ نہ دے
**

لوگ آرام سے کب ہوتے تھے ہم ترے شہر میں جب ہوتے تھے

یاد کرتا ہوں تو اگلے ساتھی یوں نظر آتا ہے، اب ہوتے تھے

کوئی روتا تھا، کوئی ہنستا تھا ہم ہی اک مہر بلب ہوتے تھے **

پانی پر تصویر اتارا کرتے تھے ہم تالاب میں پتھر مارا کرتے تھے

اگلے لوگوں نے بھی وقت گزارا ہے سوچتا ہوں کس طرح گزارا کرتے تھے

کوئی بات تھی، میرے سر پر چاند نہ تھا تم جو میری سمت اشارہ کرتے تھے **

دیکھ کے اپنا حال کبھی تو ایسا بھی جی اُمڈا
جیسے سبز گھنے پیڑوں پر بادل ٹوٹ پڑے

آج تو دل کی دھڑکن سے آواز کچھ ایسی آئی
جیسے کوئی پھول کھِلے یا چھالا پھوٹ پڑے
**

ہر کوئی مست ہے اپنی دھُن میں
کون یاروں سے لپٹ کر روئے
***
 
جلتے دنوں میں جب بھی تری یاد آ گئی
ٹھنڈی ہوا چلی، کبھی بدلی سی چھا گئی

شامِ الم کے بعد ہمیں کچھ خبر نہیں ہم جاگتے رہے کہ ہمیں نیند آ گئی

شہروں میں ہم کہاں ترے بس کے تھے اے اجل!
صحرا نگل گیا، ہمیں تنہائی کھا گئی
**

اس طرح بیٹھ رہے ہو خاموش
ساتھیو! یہ بھی کوئی بات ہوئی

تم اگر ایسے مجھے بھول گئے گویا پھر میں نہ ہوا، بات ہوئی **

کسی کے بارے میں پھر سوچنا ہی چھوڑ دیا
کہ جب بھی سوچا ہے میں نے، عجب ہی سوچا ہے
**
 
دریا کی زندگی بھی گزارے کی رہ گئی
اب صرف ایک آس کنارے کی رہ گئی

جانے کہاں گروں تری باہوں کو چھوڑ کر
یہ پینگ ایک آدھ ہلارے کی رہ گئی
**

تجھ سا آئینہ کوئی پھر نہ ملا دیکھ لیتے کبھی صورت اپنی

اتنے نزدیک نہ آنا یارو اتنی اچھی نہیں حالت اپنی **

میرا دریاؤں پر اجارہ نہیں سارے اپنی خوشی سے اُترے ہیں

دن نکلنے میں رام وقفہ ہے کئی چہرے ابھی سے اُترے ہیں **

اُبھرے ہوئے کہسار ہیں، پھیلے ہوئے صحرا
کمزور مسافر سے یہاں کتنا چلا جائے
**

اپنا بھی ہے دور کا رشتہ درباری نسلوں سے
ہم نے بھی غداری کی ہے اور انعام لیا ہے
**

تجھ کو دیکھا، نہ کسی سے ترے بارے میں سُنا
دور تھے کتنے تری راہگزر سے ہم بھی
**

لوگوں کے ڈرے ہو تو مرے ساتھ چلے آؤ اس راستے میں کوئی مکاں تک نہیں آتا

اس ضد پہ ترا ظلم گوارا کیا ہم نے دیکھیں کہ تجھے رحم کہاں تک نہیں آتا

ایک ایک ستارہ مری آواز پہ بولا میں اتنی بلندی سے وہاں تک نہیں آتا **

شورِ محشر سے پتہ چلتا ہے آدمی مہر بلب بھی ہو گا

رات بھر جاگنے والے ہو، تمہیں کچھ تو اندازۂ شب بھی ہو گا **

میں ایسا پست صدا ہوں، میں ایسا تیرہ نصیب
کہیں جواب نہ پاؤں، کہیں جواب ملے

جو تو ملے تو کبھی یوں گلے لگاؤں تجھے
کسی حباب سے جیسے کوئی حباب ملے
**

دور تک تیز ہواؤں کے نشاں ملتے ہیں
پیڑ اور آدمی صحرا میں کہاں ملتے ہیں؟

یوں نمایاں ہیں مرے دل پہ تری یاد کے زخم
جس طرح پھول سرِ آبِ رواں ملتے ہیں
**
 
جھونپڑیوں میں آگ لگی اور کافی شور مچا
پھر وہ مسافر لوگ نہ جانے کس سنسار گئے

اکثر تیری صورت دیکھ کے یوں محسوس ہوا
جیسے دل میں ٹوٹ کہیں بجلی کے تار گئے

رام ہماری دیکھتی آنکھوں کیسا شہر بسا
گھر کا رستہ بھول گئے ہیں جب بازار گئے
**

کئی نے سورج کو اپنایا کچھ تاروں کے ساتھ رہے
دیواروں کے سائے تھے ہم، دیواروں کے ساتھ رہے

جلتے گھروندے دیکھ کے دل کچھ ایسا ٹوٹا اس کے بعد
برسوں شہر کی شکل نہ دیکھی، بنجاروں کے ساتھ رہے

کس نے پہلا پتھر کاٹا، پتھر کی بنیاد رکھی
عظمت کے سارے افسانے میناروں کے ساتھ رہے
**
 
چاند بے کل کرے جب تارے ستانے لگ جائیں
اہلِ غربت تری روداد سنانے لگ جائیں

ہم ترے غم میں اگر اشک بہانے لگ جائیں
دربدر آگ پھرے شہر ٹھکانے لگ جائیں

ان کو اتنے تو پر و بال مہیا کر دے
یہ پکھیرو تری آواز پہ آنے لگ جائیں
**

کہیں جنگل کہیں دربار سے جا ملتا ہے سلسلہ وقت کا تلوار سے جا ملتا ہے

میں جہاں بھی ہوں مگر شہر میں دن ڈھلتے ہی
میرا سایہ تری دیوار سے جا ملتا ہے

تیری آواز کہیں روشنی بن جاتی ہے تیرا لہجہ کہیں مہکار سے جا ملتا ہے **

تو مگر عرش نشیں ہے، تجھے معلوم نہیں
لوگ کیوں حلقۂ انکارِ خدا میں آئے
**

پسِ نگاہ بہت آنسوؤں کا شور ہے رام کسی جگہ تو یہ پانی ضرور مرنا ہے **

پہاڑ جب بھی کوئی راہ میں سَرَک آیا ترا خیال مجھے کتنی دیر تک آیا

ترا نصیب، کہ منزل تجھے نصیب ہوئی
تو دائیں بائیں چلا، میں سڑک سڑک آیا
**

تمام شہر میں ہے پتھروں کی آبادی
کوئی نگاہ سے عاری، کوئی زبان سے ہے
**
 
بچھڑ رہا ہے زمانے سے اک زمانہ مگر
مری طرف کوئی مُڑ مڑ کے دیکھتا ہے ابھی

مرا خیال ہے مجھ سے متاعِ ضبط نہ چھین
فروغِ شب ہے ابھی، شہر جاگتا ہے ابھی
**

کبھی بہار ادھر آئی تو ہم بھی پوچھیں گے
نقوش کیسے تھے اس کے؟ لباس کیا کچھ تھا؟
**

میں دوپہر کا مسافر، میں آدھی رات کا چاند
ابھی غبار سے نکلا، ابھی غبار میں ہوں

کوئی ہنسے، کوئی روئے، مجھے نہیں معلوم
میں دفن اپنے خیالات کے مزار میں ہوں
**

شبِ فراق جو آئے تو جی میں آتا ہے کوئی ستارا ہی کرتا رہے اشارے مجھے **

اب ایسے انا باز زمانے میں کہاں رام جو ڈوب گئے اور سمندر نہیں دیکھا **

جتنا ہو سوال، اُس کا جواب اُتنا ہی دینا
دامن کوئی پوچھے تو اُسے چاک نہ کہنا
**

اب کے اس طرح ترے شہر میں کھوئے جائیں
لوگ معلوم کریں، ہم کھڑے روئے جائیں

ورقِ سنگ پہ تحریر کریں نقشِ مراد اور بہتے ہوئے دریا میں ڈبوئے جائیں

رام دیکھے عدم آباد کے رہنے والے
بے نیاز ایسے کہ دن رات ہی سوئے جائیں
**

اب کے میں غیر کے انداز میں چاہوں گا تجھے
یہاں پورا نہیں ہوتا کبھی اپنا چاہا
**

کسی کا دن کا سفر ہے، کسی کا رات کا ہے
رُکے رہو کہ زمانہ یہ حادثات کا ہے

ہوا چلے تو مرا دل دھڑکنے لگتا ہے
نہ جانے کیوں مجھے غم ساری کائنات کا ہے
**

یہ روشنی کا زمانہ ہے، اس زمانے میں جو تم رہو تو ذرا دیکھ بھال کر رہنا

ہمارے خیمے ابھی آگ کی لپیٹ میں ہیں
جدھر سے تیز ہوا آئے تم اُدھر رہنا
**
 
سنا ہے دور اُفق تک زمین تھی آزاد
ہمارے ہوش سے پہلے نگر کسی کا نہ تھا

تمام ایک طرح جاگتے تھے، سوتے تھے
کسی زمانے میں کوئی ہنر کسی کا نہ تھا
**

ذہن نہ مانے، جی گھبرائے، پھر بھی نگلنا پڑتا ہے
رام زمانے کا غم جیسے بازی گر کا گولا ہے
**

برسوں کا بے نام دریچہ، صدیوں کی انجان ہوا
میں مُردہ ماضی کا حوالہ، اور تیری پہچان ہوا

برسوں گزرے اور ابھی جانے کب تک یاد آئیں گے
اس کا خوشبو کا دروازہ اور اس کی دربان ہوا
**

اتنے موسم مری آنکھوں نے گزرتے دیکھے
بارشوں سے کبھی دریا نہیں بھرتے دیکھے
**

اب کہاں وہ پہلی سی فرصتیں میسر ہیں
سارا دن سفر کرنا، ساری رات غم کرنا
**

تو ایسا طلسمات کا پیکر ہے کہ تجھ کو
جس نے تری تصویر بنائی، نہیں دیکھا
**

آج نیند آنکھوں میں پہلے سے زیادہ ہے
تو کہے تو سو جائیں، تیرا کیا ارادہ ہے

ایسے آدمی جاناں! ہم سفر نہیں ہوتے
میں بھی پا پیادہ ہوں تو بھی پا پیادہ ہے
**

س قدر دھاندلی اچھی نہیں، عمرِ رفتہ
میرا بچپن نہ سہی،میری جوانی مجھے دے
**
 
اتنا سیلابِ بلا سر سے گزارا میں نے
جان ہاری ہے مگر دل نہیں ہارا میں نے

اس سے پہلے سرِ گرداب نہیں دیکھا تھا
ڈولتا چاند، لرزتا ہوا تارا میں نے
**

میں جن آوازوں کو دشت میں چھوڑ آیا تنہائی میں اب تک مجھے پکارتی ہیں **

سچ پر کون گزارے دن کس کے لگے کنارے دن

ہجر کے کالم میں لکھنا ساری راتیں، سارے دن **

رام اب بھی دیہاتوں میں بوڑھی مائیں
چرخا کات کے پچھلا پہر گزارتی ہیں
**

ابھی تمہارے تڑپنے کے دن نہیں آئے
ابھی تو خیر سے خادم تمہارے زندہ ہیں
**

اندھیری رات میں جب کوئی دکھیا رونے لگتا ہے
میں ڈرتا تو نہیں لیکن مجھے کچھ ہونے لگتا ہے
**

میرے مولا ! کبھی ان کو بھی سبک سر فرما
پھر رہے ہیں جو یہاں جسموں پہ جانیں لادے
**

ہمارے بعد ، محبت کی رسم ، کیا معلوم کسے جلائیں، کسے قبر میں اتاریں گے

بہت سے رام یہاں منہ پھلائے پھرتے ہیں
یہ لوگ جلتے چراغوں میں پھونک ماریں گے
**
 
کونے کھدروں میں اوقات گزارے جائیں
میناروں کا قصد کریں تو مارے جائیں

انسانوں میں اتنا پیار ہو، جنت میں بھی
کوئی نہ جائے اور جائیں تو سارے جائیں

رام اس زور کی سردی میں اب کون آئے گا
آدھی رات ہوئی ہے کسے پکارے جائیں
**

بھولا اگر، تو بھول گیا سب غمِ حیات
یاد آئی تو ہر ایک جفا یاد آ گئی
**

مرے اطراف میں اب بھی کچھ آوازیں تو اُٹھتی ہیں
مگر یہ شور پل دو پل ہوا کا ساتھ دیتا ہے
**
 
ترا ہی غم ہے جسے دل سہار لیتا ہے
وگرنہ کون کسی کا بخار لیتا ہے

اب ان کا ذکر کتابوں میں بھی نہیں ملتا کچھ ایسے نام مرا غمگسار لیتا ہے

بہت دنوں سے یہاں رام قحط سالی ہے کوئی دماغ، کوئی دل ادھار لیتا ہے **

ہماری چپ کا بھی اعجاز تم نے دیکھ لیا
ہر ایک شخص ہماری زبان بولتا ہے
**

صاف چہروں پہ اُبھرتے گئے بے رنگ خطوط
اور انسان بدلتے گئے حالات کے ساتھ
**

زخم ہاتھوں میں لئے پھرتے ہیں
ہم نے آئینے سنبھالے تھے بہت
**
 
تمہارے سامنے ہم نے کہاں محبت کی
یہ تم نے کس سے سنی داستاں محبت کی

یہاں کسی کا کسی سے کوئی تضاد نہیں مگر کسی نے کسی سے جہاں محبت کی

اس امتحاں کا نتیجہ تمہارے سامنے ہے
ہر ایک شخص سے ہم نے یہاں محبت کی
**

تمہاری آنکھ لگتی ہے تو ہم بیدار ہوتے ہیں
تمہارا اپنا عالم ہے، ہماری اپنی دنیا ہے
**

جدا ہوا تھا تو کچھ دن گوارا بھی کرتا
مرے بغیر کوئی دن گزار بھی کرتا
**
 
تنہائی کے صحرا سے گزرتے ہوئے آئے
ہم خود سے ترا ذکر ہی کرتے ہوئے آئے

ان جملہ ستاروں کا تعارف ہے ضروری یہ کون ترے ساتھ نکھرتے ہوئے آئے **

اب اس بحث میں کیا رکھا ہے، تم اچھے یا ہم اچھے
اتنا اشارہ کافی ہو گا، بیت گئے موسم اچھے
**

میں نے اک عمر گنوائی تو یہ انداز ملا سوچ لے، پھر مری آواز سے آواز ملا

ایک شعلہ سا گرا، دیر تلک شور رہا
شہر میں پھر نہ کوئی غرفہ و در باز ملا
**

ریزہ ریزہ ہے کوئی اور کوئی پژمردہ ہے
میں جو سالم ہوں ابھی تک مرا دل گردہ ہے
**

بے پر تھے تو رستے میں کہاں پر نہیں بیٹھے
جب اڑنے لگے، تختِ روں پر نہیں بیٹھے

ہر ایک سے رک رک کے ترا نام لیا ہے
کچھ حرف تھے ایسے کہ زباں پر نہیں بیٹھے

لوگوں نے ترے ہجر کا دن یوں بھی منایا
بازار سے گزرے ہیں دکاں پر نہیں بیٹھے
**

پو پھٹے گی نہ سویرا ہو گا بجھ گیا دل تو اندھیرا ہو گا

میں نے اس بارے میں سوچا ہی نہ تھا تو بھی دُشمن کبھی میرا ہو گا

پوچھ لے اور کوئی بات کہ پھر جانے کب یاروں کا پھیرا ہو گا **  

ٹائپنگ: نوید صادق پروف ریڈنگ اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

سرِ گرداب