سمٹی سمٹی دھوپ
شاعر : کاشف رحمن کاشف
انتساب
امی ابو کے نام
نگاہ میں جمال اس کا آتے آتے رہ گیا
کہ ہاتھ یہ کمال اس کا آتے آتے رہ گیا
اگرچہ اس کے چھوڑ جانے کی خوشی نہ تھی مگر
سرِ مژہ ملال اس کا آتے آتے رہ گیا
غمِ جہاں عجیب ہے کہ لاکھ کوششوں پہ بھی
بہت دفعہ خیال اس کا آتے آتے رہ گیا
ہزار منزلیں تھیں اس کے ہجر کی جو طے ہوئیں
پہ جادہ وصال اس کا آتے آتے رہ گیا
٭٭٭
اک چہرہ ہے جو وجدان میں رکھا ہوا ہے
پھول جیسے کوئی گلدان میں رکھا ہوا ہے
شاید اک خواب کی انگلی بھی ہوں تھامے ہوئے میں
اور کوئی دھیان بھی سامان میں رکھا ہوا ہے
چونک اٹھتا ہوں میں اس واسطے اُس سے مل کر
ہجر کا دکھ کوئی امکان میں رکھا ہوا ہے
شاید اس واسطے رہتی ہے مجھے اپنی تلاش
ذائقہ زیست کا پہچان میں رکھا ہوا ہے
قید کر رکھا ہے اس نے مجھے مجھ میں کاشف
روح کو جسم کے زندان میں رکھا ہوا ہے
٭٭٭
بے بسی
بچھڑتے سمے
جیسے دل رو رہا تھا
لبوں پہ ہنسی سجا کر
اسے میں نے رخصت کیا تھا
یہ میں جانتا ہوں
کہ ہونٹوں نے
سمجھوتہ کیسے کیا تھا
٭٭٭
بہلاوا
رات کے پچھلے پہر
کیوں نجانے نیند سے
اٹھ کے میں
تیری تصویریں تمام
اپنے بستر پر یونہی پھیلا لیا کرتا ہوں میں
اور دل کو اس طرح بہلا لیا کرتا ہوں میں
حسین خواب کوئی تو ہمیں ہمارا دے کہ پھر سے جینے کی امید کا سہارا دے
تمہاری یاد میں روؤں جو رات کو ، تو مجھے
فلک سے آ کے دلاسہ کوئی ستارا دے
بہت ملے ہیں سفینہ ڈبونے والے اب کوئی تو آئے جو دے آسرا، کنارا دے
انا کے شہر کا ہوں میں بھی ایک شہزادہ
صدائیں تو ہی مری جاں مجھے دوبارہ دے
تو مجھ سے رکھ کوئی بے نام سا تعلق ہی
میں تجھ کو پھول اگر دوں مجھے شرارا دے
میں پڑھ رہا ہوں ترا ایک روپ مدت سے
تو میرے نام نیا اب کوئی شمارہ دے
٭٭٭
وہ ہے چاند کی صورت اور اک کرن ہوں میں
اُس حسین پیکر کا یعنی پیرہن ہوں میں
کس طرح تعلق میں اس سے توڑ لوں اپنا
اُس مسافرِ غم کی دل رُبا تھکن ہوں میں
دیکھتا ہے اب مجھ کو وہ بھی اپنے خوابوں میں
اور خیال میں اس کے روز و شب مگن ہوں میں
جو غموں کی شدت میں سائباں ہو خوشیوں کا
اس کی ذات پر چھایا ایسا اک گگن ہوں میں
میری ذات میں کاشف یوں سما رہا ہے وہ
جیسے اس کی نظروں میں کھوکھلا بدن ہوں میں
٭٭٭
پہلا سپنا
اب سوچتی ہوں تو لگتا ہے
ہاں میں بھی کتنی پاگل تھی
تھی بالی عمر کی کوئی شب
جب آنکھوں نے میری دیکھا
پہلا سپنا
اپنے کنوارے سپنے میں نے
تیرے نام لکھے تھے
آنکھوں کو کچھ رنگ دیئے تھے
دھیرے دھیرے دل میں میرے
تیری صورت آن بسی تھی
تیرے دل میں مَیں رہتی تھی
کچھ دن گزرے تو نے مجھ سے پھیر لیں نظریں
چاندنی رات کی چاندنی میں جو
لئے تھے ہم نے اک دوجے سے
وہ وعدے ، وہ قسمیں ساری
تُو نے ان کو توڑ دیا ہے
مجھ پر کیسا ظلم کیا ہے
سوچتی ہوں تو اب لگتا ہے
میں بھی کتنی پاگل تھی!!!
٭٭٭
دائرے ہوں کھینچتا خواب کی پرکار سے باہر اب جاتا نہیں عشق کے پندار سے
تو ہے اٹھ جاتا مگر بعد ترے دیر تک میں نکل پاتا نہیں وصل کے آثار سے
دے رہا ہے ہر کوئی عید کی آشیرباد کاش کوئی کہہ دے یہ جا کے میرے یار سے
واپسی کی راہ پر سوچتا ہوں میں سدا ڈگمگا جاؤں نہ جب دو صدا تم پیار سے
زیست کے اسٹیج پر کاشف آئے ہیں نظر
کچھ نہ کچھ سارے خفا اپنے ہی کردار سے
٭٭٭
اس کے ساتھ گزارا پل پل یاد کروں تو آنکھیں جل تھل
اُس کی آنکھ میں عکس تھا میرا خوابوں کا پھر پھیلا جنگل
آنکھ سے لے کر پانی یارو دل کی زمیں پر برسا بادل
سوچنے بیٹھوں کیا ہوں میں ؟ تو
ہو جاتا ہے ذہن مرا شل
اُس کی آنکھ کی گہرائی میں میری چاہت کا ہے مقتل
کاشف اس سے بچ کر چلنا دنیا ہے نفرت کی دلدل ٭٭٭
خواہش
لیکچر کے دوران
میری نظریں
نوٹس بناتے
اس کے ہاتھوں پر پڑتی ہیں
دل کرتا ہے
ان ہاتھوں کی نرماہٹ محسوس کروں میں
اور بے ساختہ
رکھ دوں ان پر اپنے ہونٹ!
٭٭٭
دوست کیلئے ایک نظم
ایک نقطہ
تجسس سے ہو کے مجبور
اپنے گرد طواف کرتا ہے
اور پھر
معلوم کے سفر میں
منزلوں کے حصول کی خاطر
منزلوں سے بہت آگے
نامعلوم کی جستجو میں
بڑھتے ہوئے
شش جہات سے بھی آگے
اک اعتراف کرتا ہے
دائرے سے
’انحراف‘ کرتا ہے ٭٭٭
یکسوئی
آنکھ کے پردے پر
لا کر تیرا عکس
چاند کو غور سے دیکھا میں نے
دھیرے دھیرے
چاند
مٹتے مٹتے
رہ گیا بس
اک تیری تصویر
٭٭٭
وہ میرے خیالات سے سارا نہیں ملتا تصویر تو ملتی ہے سراپا نہیں ملتا
یہ ظلم تو دیکھو کوئی، دو آنکھوں کے بدلے
محتاج کو اک خواب بھی پورا نہیں ملتا
کوشش ہے چلا جاؤں تیرے شہر سے لیکن
’مجھ کو در و دیوار میں رستہ نہیں ملتا‘
دیکھو تو نظر آتا ہے صحرا بھی سمندر
اور چاہو تو قطرہ لبِ دریا نہیں ملتا
ہو اس سے ملاقات بھلا کیسے کہ کاشف
خواہش کریں ملنے کی تو ملتا، نہیں ملتا
٭٭٭
وہ مری روح مری جان ہوا کرتا تھا اور میں اس کی نگاہوں میں بسا کرتا تھا
چل دیا دور مجھے روتا ہوا چھوڑ کے اب
جس کی پلکوں کے ستارے میں چنا کرتا تھا
توڑ دیں اُس نے جو کھائی تھیں وفا کی قسمیں
جا چکا، جو مرے خوابوں میں رہا کرتا تھا
مری آنکھوں میں ابھی تک ہیں وہ منظر محفوظ
چاندنی میں وہ مرے ساتھ پھرا کرتا تھا
مجھ کو تو پیار کے بدلے میں ملے ہجر کے خار
وہ بھی تھے جن کو گُلِ وصل ملا کرتا تھا
غمِ دنیا نے بنا ڈالا ہے پتھر اس کو
ورنہ کاشف تو اک آئینہ ہوا کرتا تھا
٭٭٭
پیار محبت ساری عمر کا میرا کل سرمایہ تھا
اپنے ہوں یا غیر سبھی پر بے تفریق لٹایا تھا
میرے خلوص کو سب نے غرور و نخوت سے ٹھکرایا تھا
دوستی کا جس جس کی جانب میں نے ہاتھ بڑھایا تھا
گزرے ہوئے لمحوں کا مجھ کو ہوتا ہے اندوہ بہت
سوچتا ہوں جب تیری طلب میں کیا کھویا کیا پایا تھا
ڈرتا رہا ہوں جس سے میں افلاس کی کالی راتوں میں
غور سے دیکھا تو وہ تیری عشق و وفا کا سایہ تھا
جن کو کاشف سب کچھ اپنا میں نے سمجھا اک مدت
آنکھ کھلی تو پتا چلا کہ دھوکہ میں نے کھایا تھا
٭٭٭
سلسلہ
خوابوں میں تو نے آ کر
اور نیند سے جگا کر
آنکھوں کی پتلیوں میں
اک عکس لا بٹھایا
کچھ اس طرح میں کھویا
پھر رات بھر نہ سویا
٭٭٭
خیال
اکثر رات کو جب
ہوتا ہوں میں
اپنے کام میں محو
اور تھکن جب
جسم پر چھانے لگتی ہے
جانے ایسے میں
رائٹنگ ٹیبل پر
بھاپ اڑاتی چائے کا کپ
رکھ دیتا ہے کون!
٭٭٭
نثری نظم
اس کو بھلانے کی خاطر
میں خود کو بہت مصروف رکھتا ہوں
جانتا ہوں
کہ فارغ وقت میں
اس کے ساتھ گزرا
کوئی بھی لمحہ
آنکھوں میں آ جائے گا
اور مجھے
پھر سے آزمائے گا
لیکن یہ بھی جانتا ہوں میں
کچھ بھی کر لوں
اسے بھلانا ناممکن ہے!!! ٭٭٭
ویلنٹائن ڈے
ویلنٹائن ڈے پر یارو
سوچ رہا ہوں
کون سا تحفہ دوں آج اس کو
سوچتے سوچتے
ایک خیال سا دل میں آیا
خود کو کر کے اس کے حوالے
مانگ ہی لوں میں اس کو اس سے
٭٭٭
جانے چلی کیسی ہوا میں پھر اکیلا ہو گیا
پھر تجھ سے مل کر یوں لگا جیسے میں خود سے آ ملا
تھی وصل کی خواہش مجھے یادوں ہی سے بہلا ذرا
اک اشک بن کر ہجر میں آنکھوں میں اس کی آ رُکا
کاشف سبھی کچھ چھوڑ کر روٹھا ہوا ماہی منا ٭٭٭
آنکھوں میں اترا
آنکھوں میں اترا
اس کے بعد تو یارو پھر
ڈوب گیا دریا
دل گھبراتا ہے
چھپ چھپ کر جس دم سجنا
ملنے آتا ہے
پینے شام کی چائے
ساتھ تمہارے ہم ساجن
آج چلے آئے
وہ روشن تصویر
سامنے رکھ کے دیکھا تو
رہ گئی دھبا سی
چاند نے اور میں نے
ساری رات تمہارا ہی
رستہ دیکھا ہے
یادوں نے آ کر
سوکھی لکڑی کی مانند
مجھ کو پھونک دیا
البم میں تصویر
یادوں کے پنجرے کی ہے
اک نازک زنجیر
٭٭٭٭
ماخذ:
http://www.urduasnaf.com/Poetry/Simti%20Simti%20Dhop/Page-index.html
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
سمٹی سمٹی دھوپ
کاشف رحمن کاشف
غزل
اک چہرہ ہے جو وجدان میں رکھا ہوا ہے
پھول جیسے کوئی گلدان میں رکھا ہوا ہے
شاید اک خواب کی انگلی بھی ہوں تھامے ہوئے میں
اور کوئی دھیان بھی سامان میں رکھا ہوا ہے
چونک اٹھتا ہوں میں اس واسطے اُس سے مل کر
ہجر کا دکھ کوئی امکان میں رکھا ہوا ہے
شاید اس واسطے رہتی ہے مجھے اپنی تلاش
ذائقہ زیست کا پہچان میں رکھا ہوا ہے
قید کر رکھا ہے اس نے مجھے مجھ میں کاشف
روح کو جسم کے زندان میں رکھا ہوا ہے
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)