سِمفنی 2010
طویل نظم
ایوب خاور
مہمانانِ گرامی آ چکے ہیں
جنوبی ایشیا کے نامور تاریخ داں
شاعر، ادیب
دانش ورانِ فنِّ موسیقی
ناقدانِ حرف و صوت
صاحب اسلوب موسیقار
گائیک
اور دنیا بھر کے جانے مانے سازندے
کلاسیکی گھرانوں کے نمائندے
پینٹر (Painter) اسکلپچرسٹس (Sculpturists)
آرٹ، کلچر اور سول سوسائٹی کے لوگ
ٹیلی ویژن اور فلمی دنیا کے تکنیک کار
یورپ و امریکہ، وسطی ایشیا اور تیسری دنیا کے ملکوں کے سفارت کار
ان کے علاوہ شہر بھر کے سینکڑوں افراد
جو شعر و ادب اور فنِّ موسیقی میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں،
یہاں موجود ہیں
سامنے اسٹیج پر آرکیسٹرا (Orchestra) اپنے اپنے ساز کی نسبت سے اپنی طے شدہ پوزیشنوں پر خاص ڈھب سے مستعد بیٹھا ہوا ہے
میں جہاں سے یہ طلسم آثار منظر، کیمروں کے مختلف لینزوں سے دیکھے جا رہا ہوں
اُس جگہ سے یہ سبھی فنکار،
چہروں پر دمکتی اِک متانت اور ذہانت اور گھنے اسرار میں ڈوبے ہوئے فنکار لگتے ہیں
اُن کے پس منظر میں جو منظر ہے،
وہ خطِ شکستہ سے مماثل لائینوں اور کیوب ازم (Cubism) اور تجریدیت کے کئی معروف استادوں کے اندازِ ہنر کو جوڑ کر ڈیزائنر نے اُن میں دہشت سے بھری خبروں کے ٹکڑوں۔ ۔ ۔
خون کے سوکھے ہوئے قتلوں۔ ۔ ۔
بھڑکتی آگ کی بھٹی میں جلتی بلڈنگوں
اور کوئلہ ہوتے ہوئے جسموں کے ڈھانچوں۔ ۔ ۔
خوف سے چٹخی ہوئی آنکھوں میں وحشت سے اٹی
معصومیت کی منجمد شدّت کو شامل کر کے اک کولاج کھینچا ہے
یہ اِک دلکش پہاڑی سلسلے کی سب سے اونچی چوٹی پر لیٹا ہوا میدان ہے
جس کے کنارے پر نہایت خوبصورت، دودھیا رنگوں میں لپٹی اِک عمارت ہے
اور اس کے سامنے اسٹیج ہے
ابھی کچھ لوگ محوِ گفتگو ہیں
ہلکی پھلکی مرمرنگ (Murmuring) میں آدھے پونے جملوں، شائستہ لطیفوں
مسکراہٹ سے لدی کِل کاریوں میں
میزباں آواز شامل ہو کے سب کو چند لمحوں کے لئے اپنی طرف مبذول کرتی ہے
خواتین و حضرات!
کچھ دیر کے بعد سورج پہاڑوں سے پَرلی طرف کی زمیں میں اُتر جائے گا
شام ہو جائے گی
آپ کا شکریہ
شام ہونے سے کچھ دیر پہلے تلک
آپ سب آ گئے
میری درخواست ہے
سِمفنی اپنے آغاز سے پہلے سب کی توجہ بھری خامشی چاہتی ہے
کہ یہ خامشی جزوِ لازم ہے اس سِمفنی کا
خواتین و حضرات!
ایک گہری، توّجّہ بھری خامشی۔ ۔ ۔
سب الرٹ (Alert) ہو کے اپنی نشستوں پہ یوں جم گئے
جیسے انساں نہ ہوں
بلکہ سارے کے سارے اسکلپچرز (Sculptures) ہوں، پتھر کے، مٹی کے یا پھر کسی دھات کے
اسی ساعتِ منجمد میں
کنڈیکٹر (Conductor) اٹھا
اور بے آواز قدموں سے اسٹیج پر آ کے اِک ثانئے کو رُکا
نیم قد ہو کے شائستہ انداز میں Bow کیا
سرو قد ہو کے آرکیسٹرا (Orchestra) کی طرف نیم رُخ ہو گیا
داہنے ہاتھ کی دو نفیس انگلیوں میں نفاست سے پکڑی ہوئی اِک چھڑی کے سمیت
دونوں ہاتھوں کو اِک خاص انداز سے حالتِ محویت میں کچھ اس طرح پھیلایا
جیسے پرندے فضا میں دھڑکتی ہوئی آشتی کو
پروں میں سمونے کی عادت سے معمور پر کھولتے ہیں
سبھی ساز کار اپنی اپنی جگہ مستعِد، ایک موہوم اشارے کے ہیں منتظر
سب سے پہلی جو آواز اس خامشی کی کرامت ہوئی
دل کی دھڑکن تھی وہ
مختلف عمروں کے میہمانوں کے دل
گویا اِک قدرتی ردھم کا پیٹرن (Pattern) بن گئے
ہوا نے آنکھ کھولی
چپکے سے پیڑوں کی شاخوں سے سرک کر نیچے اُتری
زمیں سے اِک قدم اوپر۔ ۔ ۔
فضا میں اُس نے اپنے پاؤں کی جھانجھن کو جھنکایا
خود اپنے آپ کو ہر رُخ سے دیکھا
زمیں پر اس طرح سے پاؤں رکھا
جس طرح سے تانپورے کی رگوں پر کوئی اپنی انگلیوں کا لمس رکھتا ہے
پھر اُس نے سبزگوں میدان کے اطراف اپنے رَم کی یکسانی پہ ’’سا’‘ قائم کیا
دلوں کی دھڑکنوں کے ردھم میں
جنگلی کبوتر کی ’’غڑغوں ‘‘ اور پپیہے کی ’’پی ہو’‘ شامل ہوئی
تو سبز پیڑوں کی گھنی شاخوں میں چڑیوں کی شگفتہ ’’چہچہاہٹ’‘
اور اس کے ساتھ ہی کوئل کی ’’کُو ہو کُو’‘ نے زخمی فاختہ کے دل پہ دستک دی
نغمۂ بلبل کی سحر انگیزی نے مینا کے دل میں بھی تہلکہ سا مچایا
سارا جنگل جانتا ہے
مَینا کی آواز کی کِرنوں میں کس کس رنگ کی خوشبو مہکتی ہے
وہ بھی اپنے گھونسلے سے بازو پھیلائے ہوئے نکلی
گلہری۔ ۔ ۔ اک شکستہ تن شجر کی چھال کی ادھڑن پہ یوں دوڑی
کہ جیسے سپتکوں پر سپتکیں کہتی ہوئی ’’کی بورڈز’‘ (Key Boards) کے زینے اترتی اور چڑھتی ہیں کسی فنکار کے ہاتھوں کی نازک انگلیاں
اُسی لمحے میں اِن زینوں پہ ناز ک انگلیوں نے اپنے لمسوں کے دیئے رکھے
ہوا نے ایڑیاں اُچکا کے سورج کی طرف دیکھا
کمر کو بل دیا
ٹٹیری اور بوڑھے ووڈکٹر (Wood Cutter) نے مل کر اس کو ’’سم’‘ دکھایا
اور پھر جب وہ تہائی مار کر پلٹی
تولَے کی گردشیں بھی واورولوں کی طرح اُٹھیں
ہوا کے ساتھ جنگل کی فضائے سبز اور اس کے نشیبوں اور فرازوں تک
کچھ اس انداز سے پھیلِیں
کہ ان کے سحر میں آ کر
قلانچوں پر قلانچیں بھرتے ہرنوں کی بہت سے ٹولیاں
میدان کے اطراف میں پیڑوں کے بیچوں بیچ اتریں
گہرے نیلے۔ ۔ ۔
دودھیا۔ ۔ ۔
اور سبز رنگوں والے مور
اپنے پروں میں آشتی کی سرسراہٹ
اور پیروں میں خلاؤں کے بھنور باندھے
اِک ایسے رقص کی تقویم میں ڈوبے
کہ جیسے اپنے اپنے دائروں میں ’’موسمِ امن و اماں ‘‘ کو کھینچ لائے ہوں
نِرت کرتی ہوا کے ساتھ
پتوں اور پھولوں اور پھر چڑیوں کا کورس
یہ کورس جیسے جیسے تیز ہوتا جا رہا تھا
سورج اپنی آگ (اپنی ذات) میں
جل جل کے ٹھنڈا ہو رہا تھا
شام گہری ہو چلی تھی
چاند کی ٹوٹی ہوئی چوڑی کی رَگ رَگ میں سے نیلے خون کی بوندوں کی سرگم گِر رہی تھی
فضا میں شام کے جنگل
اور اس جنگل کی آبادی نے جو اِک سِمفنی ترتیب دے ڈالی تھی
اس میں میہمانوں کے دلوں کی دھڑکنوں کے ساتھ اب
آرکیسٹرا (Orchestra) کے کارڈز
مدھم اور گہری۔ ۔ ۔
سمندر کی تہوں جیسی بہت گہری ہمنگ (Humming) کی گونج شامل ہو چکی تھی
یہی وہ ساعتِ اصلِ تخیّل تھی کہ جس کے درمیاں
چلتی ہوا نے دفعتاً جادو بھری انگڑائی لی
چاند کے نیلم کو پیشانی پہ بندیا کی طرح ٹانکا
ماتروں کی ایک گردش میں
بگولے کی طرح نوکِ کفِ پا پر، اُٹھی
’’سم’‘ پر گری
پورے بدن کی اِک جھلک دے کر فضا میں سرو قد ہوتے ہوئے
جب سبز گوں میدان اور میدان کے اطراف ’’نادِدھنہ، نادِ دھنہ’‘ کو
لَے کی انوکھی سی روش میں باندھ کر پائل کو جھنکایا
تو اُس پل میں نشستوں پر
بہت سے دم بخود بیٹھے ہوؤں کی سبز، نیلی، کتھئی اور کالی آنکھوں میں
گلِ صد رنگ کی قوسِ قزح اُگنے لگی
اُسی ساعت میں کنڈکٹر (Conductor)
کہ جو ہاتھوں کو پھیلائے ہوئے ساکت کھڑا تھا
دیکھنے والوں نے دیکھا۔ ۔ ۔
جیسے اس کے جسم کی نس نس میں بجلی بھر گئی ہو
سِمفنی اُس کے مسامِ جاں سے گویا
ایک جادو کی طرح
سازوں کے تاروں اورسازندوں کے ہاتھوں میں
کرشمے کی طرح سے منتقل ہوتی ہوئی ساری فضا میں اپنا نم ٹپکا رہی تھی
کم سے کم پچیس چیلوز
وائلوز
اور وائلنز کی تاروں پر بہتی ہوئی رقّاص پوریں تھیں کہ رقصِ آشتی میں
مرغِ بسمل کی طرح گویا تڑپتی پھر رہی تھیں
Wind Instrumentsکی ساری کی ساری Range
مردنگ، طبلے اور پکھاوج کے علاوہ
اِک طرف سو رنگیوں کو اپنی گودوں میں بھرے
استادوں کے ہی ساتھ بیٹھے بین کار
پاس ہی خسرو کی ایجادوں کے وارث
اور اس خطّے کے اندرونی علاقوں کے بڑے فنکار۔ ۔ ۔ اور جنگل کی آبادی
مغربی سازوں سے ہم آہنگ تھے
اور فاختہ کے زخمی بال و پر کا قصہ کہہ رہے تھے
تین تہذیبوں کے آہنگِ تمنا کی فسوں کاری نے
گہری نیند میں ڈوبے سمندر کو جگایا
اساطیری تمدن اور تہذیب و ثقافت کے کھنڈر پر بین کرتے کرتے
گہری نیند کے پاتال میں لیٹا ہوا بوڑھا سمندر
آنکھیں ملتا
دھیرے دھیرے موج میں آتا ہوا
چیلوز کی تاروں سے لپٹی انگلیوں اور
Wind Instrumentsکے منہ اور فنکاروں کے ہونٹوں کے میاں سانسوں میں اِک انگڑائی سی لیتا ہوا
Key Boards کے سُرتال میں بھیگے ہوئے زینوں سے ہوتا
وادیِ خوں ناب کی اونچائی پر ساری کی ساری بے کرانی اور گہرائی سمیت ایستادہ تھا
سِمفنی اِک سطح پر تو
فاختہ کے بال و پَر کے زخموں پر
کومل سُروں کے پھائے رکھتی جا رہی تھی
ایک سطح پر وہ جنگل کی انوکھی سِمفنی کو
اپنے اندر جذب کر کے
آسمانوں سے اُدھر عرشِ بریں کے فرش سے ٹکرا رہی تھی
فاختہ اس سِمفنی کے ساتھ گائے جا رہی تھی
چلو مل بیٹھ کر
سُر تال کے رنگوں میں گھولیں امن کی سرگم
دلوں کے بھید کھولیں
زمیں پر آسماں کو کھینچ لائیں
چاند کی ٹوٹی ہوئی چوڑی کومل کو پھر سے جوڑیں
رات کے گہرے سمندر سے
نیا سورج نکالیں
چلو مل بیٹھ کر
سُرتال کے رنگوں میں گھولیں امن کی سرگم
فاختہ کی آرزو
آنسوؤں کے چند قطروں میں ڈھلی
اور پھر سمندر میں ملی
سمندر کی تہوں میں اِک عجب ہلچل مچی
سونامی کی طرح سے اُس کی لہریں
اُس کے اندر ہی سے بل کھا کر اٹھیں
اور رقصِ امن و آشتی کے روپ میں ڈھلنے لگیں
سِمفنی اپنے عروجی مرحلے کو چھُو رہی تھی
گردشوں پر گردشیں لیتی ہوا کی ایڑیوں سے خوں ٹپکنے لگ گیا
اس نے اپنے ہاتھ سے آنچل کو یوں چھوڑا کہ وہ
قوسِ قزح سا بن کے وادی پر
گھٹا کی طرح اڑتا جا رہا تھا
اور سمندر اس عُروجی مرحلے میں
آبشاری راستوں سے
وادیِ خوں ناب کے پتھریلے سنّاٹوں کے اندر تک
برستا جا رہا تھا
اُس کی موجیں
قطرہ قطرہ ہو کے
پھر ذرّوں میں بٹ کر
اِک غبارِ آب میں تبدیل ہوتی جا رہی تھیں
اور اب قوسِ قزح کے ساتھ مل کر یہ غبارِ آب
مشرق و مغرب تلک
ہر خطّے کے شہروں میں،
قصبوں، اور دیہاتوں کے بازاروں، سکولوں، دفتروں اور کارخانوں اور محلّوں اور گلیوں اور گھروں کے بام و در میں، بچوں بوڑھوں اور جوانوں کے
دلوں کی ایک اِک رَگ میں سرایت کر رہا ہے
مرے مولا
یہ میرا خواب ہے
اور جانے کب سے کُنجِ چشم تر سے لپٹا عالمِ سکرات میں ہے
حلقہ در حلقہ
جو اس کی سانس کے ٹوٹے ہوئے ٹکڑے پڑے ہیں
اُن کو پھر زنجیر کر
اے میرے مولا اِسے شرمندۂ تعبیر کر!
٭٭٭
ماخذ: ’عکاس‘ اسلام آباد۔ مدیر : ارشد خالد
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
سِمفنی 2010
ایوب خاور
اقتباس
مہمانانِ گرامی آ چکےہیں
جنوبی ایشیا کے نامور تاریخ داں
شاعر، ادیب
دانش ورانِ فنِّ موسیقی
ناقدانِ حرف و صوت
صاحب اسلوب موسیقار
گائیک
اور دنیا بھر کے جانے مانے سازندے
کلاسیکی گھرانوں کے نمائندے
پینٹر (Painter) اسکلپچرسٹس (Sculpturists)
آرٹ، کلچر اور سول سوسائٹی کے لوگ
ٹیلی ویژن اور فلمی دنیا کے تکنیک کار
یورپ و امریکہ، وسطی ایشیا اور تیسری دنیا کے ملکوں کے سفارت کار
ان کے علاوہ شہر بھر کے سینکڑوں افراد
جو شعر و ادب اور فنِّ موسیقی میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں،
یہاں موجود ہیں
سامنے اسٹیج پر آرکیسٹرا (Orchestra) اپنے اپنے ساز کی نسبت سے اپنی طے شدہ پوزیشنوں پر خاص ڈھب سے مستعد بیٹھا ہوا ہے
میں جہاں سے یہ طلسم آثار منظر، کیمروں کے مختلف لینزوں سے دیکھے جا رہا ہوں
اُس جگہ سے یہ سبھی فنکار،
چہروں پر دمکتی اِک متانت اور ذہانت اور گھنے اسرار میں ڈوبے ہوئے فنکار لگتے ہیں
اُن کے پس منظر میں جو منظر ہے،
وہ خطِ شکستہ سے مماثل لائینوں اور کیوب ازم (Cubism) اور تجریدیت کے کئی معروف استادوں کے اندازِ ہنر کو جوڑ کر ڈیزائنر نے اُن میں دہشت سے بھری خبروں کے ٹکڑوں۔ ۔ ۔
خون کے سوکھے ہوئے قتلوں۔ ۔ ۔
بھڑکتی آگ کی بھٹی میں جلتی بلڈنگوں
اور کوئلہ ہوتے ہوئے جسموں کے ڈھانچوں۔ ۔ ۔
خوف سے چٹخی ہوئی آنکھوں میں وحشت سے اٹی
معصومیت کی منجمد شدّت کو شامل کر کے اک کولاج کھینچا ہے
٭٭٭پڑھنے میں مشکل؟؟؟
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)