سنگ خزاں
وزیر آغا
جمع و ترتیب: اعجاز عبید
لوٹے سفر سے ہم تو کوئی سائباں نہ تھا
موجود اپنے شہر میں اُس کا مکاں نہ تھا
اب کے ملا تو جیسے ملا تک نہ تھا کبھی
وہ مہرباں کہ پہلے کبھی مہرباں نہ تھا
آنسو بھری نگاہ کے اٹھنے کی دیر تھی
میرا بھرے جہان میں نام و نشاں نہ تھا
شاید تجھے خبر نہیں وہ نامراد شخص اک داستاں بن گیا گو داستاں نہ تھا
کیسے کروں یقیں کہ ثمر آپ ہی گرا شامل مرے زوال میں سنگ خزاں نہ تھا
دیکھا تو برف زار تھا حد نگاہ تک
اور اُس کے پار بھی کراں تا کراں نہ تھا
ٹوٹے نہ بادبان، کہیں ڈر رہا تھا میں
مر جائے گی ہوا، مجھے اس کا گماں نہ تھا
٭٭٭
لازم کہاں کہ سارا بدن خوش لباس ہو
میلا بدن پہن کہ نہ اتنا اُداس ہو
اتنا نہ پاس آ کہ تجھے ڈھونڈتے پھریں
اتنا نہ دور جا کہ ہمہ وقت پاس ہو
ایک جوئے بےقرار ہو کیوں دلکشی تری
کیوں اتنا تشنہ لب مری آنکھوں کی پیاس ہو
پہنا دے چاندنی کو قبا اپنے جسم کی
اُس کا بدن بھی تیری طرح بے لباس ہو
رنگوں کی قتل گہ میں کبھی تو بھی آ کے دیکھ
شاید کہ رنگِ زخم کوئی تجھ کو راس ہو
میں بھی ہوائے صُبح کی صورت پھروں سَدا
شامل گلوں کی باس میں گر تیری باس ہو
آئے وہ دن کہ کشتِ فلک ہو ہری بھری
بنجر زمیں پہ میلوں تلک سرسبز گھاس ہو
٭٭٭
لگتا ہے اب بارش ہو گی
لگتا ہے اب بارش ہو گی
دھان کے سوکھے کھیتوں پر
سب خاک اُڑاتے رستوں پر
جو قدموں میں پامال ہوئے ہیں
دھوپ کی مَیلی چادر اوڑھے
جن کو لاکھوں سال ہوئے ہیں
لگتا ہے اب بارش ہو گی!
لگتا ہے اب بارش ہو گی
تنکا تنکا پلکوں پر
پلکوں سے چمٹے خوابوں پر
خوابوں میں بند جزیروں پر
سب خالی دودھ کٹوروں پر
سب بچوں پر
سب سُوکھے پیاسے ہونٹوں پر
سب پانی کے رکھوالوں پر
اور سیس کٹانے والوں پر
اب بارش ہو گی
لگتا ہے اب بارش ہو گی!!
٭٭٭
دیے اگر وہ ترے شہر کے بجھا دیتے ستارے ہم بھی کہیں سے تجھے منگا دیتے
بلا لیا ہوتا ہمیں اگر سمندر نے تو ہم بھی کشتیِ جاں داؤ پر لگا دیتے
بتائیں کیا کہ اُداسی تو اپنی عادت ہے
جو ہوتی دل میں کوئی بات تو بتا دیتے
فشارِ غم کا اگر دیکھنا ضروری تھا تو میرے حصے کا غم ابر کو دلا دیتے
دیا جواب نہ تو نے تو ہم برہنہ پا، گئے پہاڑ کی جانب تجھے صدا دیتے
نہ حرف حرف مٹایا گیا ہمیں ورنہ ہم اپنے مٹنے کا منظر تجھے دکھا دیتے
ہوا پہ ہو گا تجھے اعتبار ہم کو نہیں
‘’ہوا کو کیسے ترے شہر کا پتہ دیتے’‘
٭٭٭
کوزے بھرنے لگتے ہیں
لفظ کا برتن خالی ہو
تو کتنا شور مچاتا ہے
بھاری بوجھل آوازوں کی
ڈھولک سی بن جاتا ہے
بھر جائے تو اس کے در پر
پیاسی یادیں، بنجر سپنے
ننگے بچے
اپنے اپنے کوزے لے کر آ جاتے ہیں
تب اس کی آواز میں ممتا آ جاتی ہے
دھیمی لے
اک دودھ کی چھاگل بن جاتی ہے
شہد بھرے کتنے ہی معانی
ٹپ ٹپ گرنے لگتے ہیں
دھیرے دھیرے
کوزے بھرنے لگتے ہیں
٭٭٭
اتنی دیر کیوں کر دی!
کہا کس نے
مکاں بوڑھے نہیں ہوتے
کبھی تم بھی
سمندر پار جانے پر اگر مجبور ہو جاؤ
تو دیکھو گے
کہ جب دھرتی
پگھلتے، ٹمٹماتے، آخری ایام میں
تم کو بلائے گی
اور اک ریشم کی ڈوری سے بندھے
تم لوٹ آؤ گے
تو وہ چاندی سا اجلا گھر
جسے روتا ہوا تم چھوڑ کر
پردیس کی جانب سدھارے تھے
خمیدہ، بھاری جثہ
اپنے سوجے پاؤں پر رکھے
پرانی،کتنے خم کھاتی
لرزتی، چرچراتی سیڑھیاں اترے گا
اور دہلیز پر رک کر
تمہیں سینے سے چمٹا کر کہے گا
یار،اتنی دیر کیوں کر دی!
٭٭٭
اُس کی بو باس اگر پردۂ افلاک میں ہے
میری مہکار بھی موجود مِری خاک میں ہے
گر بجز خرمنِ جاں کچھ بھی نہیں پاس مِرے
پھر یہ کیوں ابر کی تلوار مری تاک میں ہے
اس جدائی کا تجھے رنج نہیں ہے تو بتا
کیسی تحریر سی یہ دیدۂ نمناک میں ہے
تجھ پہ مرکوز کیے بیٹھا ہے نظریں اپنی
کوئی تو چال دلِ دشمنِ چالاک میں ہے
پھول کی ساری للک تیز ہوا نے چن لی اب وہ اک کشتیِ خس موجۂ خاشاک میں ہے
عمر کی آخری منزل پہ جو پہنچے تو کھلا
اک عجب مست روی وقت کی پیچاک میں ہے
٭٭٭
عمر کی اس ناؤ کا چلنا بھی کیا، رُکنا بھی کیا
کِرمکِ شب ہوں مِرا جلنا بھی کیا، بجھنا بھی کیا
اک نظر اُس چشمِ تر کا میری جانب دیکھنا
آبشارِ نور کا پھر خاک پر گرنا بھی کیا
زخم کا لگنا ہمیں درکار تھا، سو اُس کے بعد
زخم کا رِسنا بھی کیا اور زخم کا بھرنا بھی کیا
تیرے گھر تک آ چکی ہے دُور کے جنگل کی آگ
اب ترا اس آگ سے ڈرنا بھی کیا، لڑنا بھی کیا
در دریچے وا مگر بازار گلیاں مُہر بند
ایسے ظالم شہر میں جینا بھی کیا، مرنا بھی کیا
تجھ سے اے سنگِ صدا، اس ریزہ ریزہ دور میں
اک ذرا سے دل کی خاطر دوستی کرنا بھی کیا
٭٭٭
مجھے بھی نصب ہونا ہے!
زمیں میں نصب ان کالے پہاڑوں کی قطاروں میں
مجھے بھی نصب ہونا ہے
مجھے بھی اپنے اندر پھیلتے صحرا
کے اک گوشے میں خود کو ایک دن
آباد کرنا ہے
کسی دن مجھ کو بھی آخر
عظیم الشان بننا ہے
کوئی اہرام بننا ہے
ابھی لیکن ہوا سوئی پڑی ہے
ابھی دریا کے بجرے
میرے اعضا ڈھونڈنے نکلے نہیں ہیں
ابھی کچے گھروں پر خواب کے تنبو تنے ہیں
ابھی بھاری سلوں پر
چابکوں کی ضرب پڑنے کی صدا جاگی نہیں ہے
ابھی میں ذرہ ذرہ دور تک بکھرا پڑا ہوں
مگر اک دن، بہم ہو کر
مجھے بھی اپنے حصے کی زمیں میں
نصب ہونا ہے
مجھے بھی آخرش اک دن
عظیم الشان بننا ہے
کوئی اہرام بننا ہے!
٭٭٭
ماں (پہلا روپ)
وہ برگد کا اک پیڑ تھی
جس کی مانوس، گہری، خنک چھاؤں میں
ہم نے عمریں بتائیں
وہ مخمل کا اک نرم چھتنار تھی
جس کے پتوں میں چھپ کر
مہکتی ہوئی دودھیا شاخ کو تھام کر
ہم نے میٹھی سی راحت کا انعام پایا
وہ پتوں کے پنکھے سے
شاخوں کی لوری سے
ہم کو سلاتی رہی
مسکراتی رہی!
اور پھر ایک دن اک بگولا اُٹھا
پیڑ جڑ سے اکھڑ کر پرے جا پڑا
اور چھتنار کی چھاؤں میں بیٹھے پنچھی
بھیانک سی چیخوں کے کہرام میں
اُڑ پڑے
آسماں کی طرف
پھر بکھرتے گئے چار سُو
٭٭٭
ماں (دوسرا روپ)
خموشی کے اس زرد لمحے سے پہلے
یہ محسوس ہوتا تھا جیسے
کوئی غم زدہ، بے نشاں چاپ
میرے تعاقب میں
اک نرم جھونکے کی صورت چلی آ رہی ہے
کوئی ہے جو میرے عقب میں
محبت کی نمناک خوشبو بکھیرے
امڈتے ہوئے تیز شعلوں سے مجھ کو بچائے
مرے ہر قدم کی سلامت روی کے لئے
التجاؤں ، دعاؤں کی برکھا میں خود کو بھگوئے
مرے سرپہ آنچل کاسایہ کئے
آ رہا ہے!
اور اب دفعتاً
غم زدہ بے نشاں چاپ رُک سی گئی ہے
تو لاکھوں بپھرتے قدم، اَن گنت تند دھارے
جو دبکے پڑے تھے
عقب سے اُبھر کر
مِری سمت تیزی سے بڑھنے لگے ہیں
جھپٹتے، لپکتے۔ ۔ ۔ چلے آرہے ہیں !
٭٭٭
بہت دیر لگا دی تُو نے
دھوپ
آنے میں بہت دیر لگا دی تو نے!
اب سواگت ترا کرنے کو بچا کوئی نہیں
نہ پرندے ہی سلامت ہیں کہ اُڑتے، اڑ کر
تیری کرنوں میں نہاتے، گاتے!
پھول تک باقی نہیں ہیں
کہ لرزتے ہوئے شبنم کے نگینوں کو
ہتھیلی پہ سجا کر لاتے
تیری کرنوں سے یہ کہتے: ہمیں چھو کر دیکھو
ہمیں گلنار بناؤ، آؤ!
پیڑ ہوتے تو تری نرم شعاعوں کے تِلک
اپنے ماتھے پہ سجاتے
تری پوجا کرتے
اور ہم لوگ۔ ۔ ۔
مگر ہم بھی تو اب برف کی قاشیں ہیں فقط
تیری حدت میں پگھل سکتے ہیں ، جی سکتے نہیں
دھُوپ! آنے میں بہت دیر لگا دی تو نے!!
٭٭٭
اسے آنا تو ہے اک دن
اُسے آنا تو ہے اک دن
سو آ جائے
دبے قدموں مگر آئے
ہوا جیسے خزاں کی کترنوں کو
چھو کے آتی ہے
سیہ بادل کا ہرکارہ
اچانک جیسے اُجلے آسماں پر
دعوتی خط ہاتھ میں لے کر
ہوا پر تیرتا آئے
معاً جیسے
اگر بتّی کی خم کھائی ہوئی خوشبو
کسی گھر کے مقفل در سے لگ کر
ایک پَل ٹھہرے
مگر پھر در کی درزوں سے
گزر کر
گھر کے اندر
بن بلائے اجنبی مہمان کی صورت
چلی آئے
اُسے آنا تو ہے اک دن
سو آ جائے!
٭٭٭
جی مانے تو چپکے سے تم
اِن میری بھیگی آنکھوں میں تم رہنا سیکھو
کن بے آب جہانوں میں تم
سرگرداں ہو
پانی کی اک بوند کی خاطر
صحراؤں کو چھان رہے ہو
کہاں ملے گی تم کو وہ اک بوند
جسے سورج نے پل میں
جھپٹ لیا تھا
خاک کیا تھا
لہو کی بوند اگر ہوتی وہ
اُڑ جاتی پر اپنا سُرخ نشان
زمیں پر چھوڑ کے جاتی
پانی کی ہر بوند تو بس
اُڑنے کے لیے یاں آتی ہے
تم اس کا نشان کہاں ڈھونڈو گے
جی مانے تو چپکے سے
بس میری بھیگی آنکھوں میں اک بار
لپک کر آ جاؤ
پھر دیکھیں گے کیا ہوتا ہے!
٭٭٭
کتنی مشکل ہے!
تھکن
آنکھوں کی بھاری چلمنوں سے
لگ کے بیٹھی
دھند اوڑھے منظروں کو
دیکھتی۔۔۔کب دیکھتی ہے!
جھکی شاخوں سے چمٹے
سبز پتے
سکڑتی تتلیاں بن کر
ندی پر جھک گئے ہیں
ندی کا تہہ نشیں پانی
زمیں کی کوکھ میں ٹھہرا ہوا ہے
فلک۔۔۔اک گول برتن
خاک پر اوندھا پڑا ہے
سلو موشن میں ہر شے آ گئی ہے
تپائی سے میں خود کو
کتنی مشکل سے
تپائی کی نمی تک لے کے جاتا ہوں
مگر پھر لوٹنا میرے مقدر میں نہیں ہوتا!
٭٭٭
مختلف مآخذ سے ترتیب شدہ تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
سنگ خزاں
وزیر آغا
جمع و ترتیب: اعجاز عبید
غزل
لوٹے سفر سے ہم تو کوئی سائباں نہ تھا
موجود اپنے شہر میں اُس کا مکاں نہ تھا
اب کے ملا تو جیسے ملا تک نہ تھا کبھی
وہ مہرباں کہ پہلے کبھی مہرباں نہ تھا
آنسو بھری نگاہ کے اٹھنے کی دیر تھی
میرا بھرے جہان میں نام و نشاں نہ تھا
شاید تجھے خبر نہیں وہ نامراد شخص
اک داستاں بن گیا گو داستاں نہ تھا
کیسے کروں یقیں کہ ثمر آپ ہی گرا
شامل مرے زوال میں سنگ خزاں نہ تھا
دیکھا تو برف زار تھا حد نگاہ تک
اور اُس کے پار بھی کراں تا کراں نہ تھا
ٹوٹے نہ بادبان، کہیں ڈر رہا تھا میں
مر جائے گی ہوا، مجھے اس کا گماں نہ تھا
پڑھنے میں مشکل؟؟؟
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)