سوانح
رضیہ بٹ
انتساب
ان لمحوں
کے
نام جو آتے ہیں
اور بیت جاتے ہیں
مگر
لوٹ کر کبھی نہیں آتے ۔
وقت کا دھارا ازل سے بہتا چلا آ رہا ہے اور اس ابد تک بہتا رہے گا، اس کے سنگ سنگ ہی زندگی بہتی چلی جا رہی ہے ، زندگی اپنے بہاؤ میں انسانوں کو ایک زاروں کی طرح بہاتی چلی جاتی ہے ، ریگ زار کبھی اپنی جگہ سے ہل کر وہیں جم کر ٹک جاتے ہیں ، کچھ نئے شامل ہو جاتے ہیں ، وہ بھی رکتے ہیں آگے بڑھتے ہیں ، پھر ٹھہر جاتے ہیں ، غرضیکہ زندگی سے چمٹے ریگ زاروں کا سلسلہ ازل سے چل رہا ہے ، اور اب تک چلتا رہے گا، انسان ایسا ہی ریت کا ذرہ ہے جو وقت کے دھارے میں زندگی سے لپٹا ہوا ہے ، کبھی زندگی نزدیک ہی تہہ میں بیٹھ جاتی ہے ، کبھی دور تک چلا جاتا ہے ، یہ نزدیکی اور دوری ماہ و سال میں ماپی جاتی ہے ، یہی عمر کہلاتی ہے ، عمر چند لمحے بھی ہو سکتی ہے ، چند ماہ، چند سال اور سالہا سال بھی ہو سکتی ہے ، عمر کے بھی کئی رخ، کئی زاوئیے اور کئی جہتیں ہوتی ہیں ،۔۔۔عمر انسان کا وہ عرصہ ہے جو وہ زندگی کے سنگ گزارتا ہے ، ہر انسان کا یہ عرصہ ایک جیسا نہیں گزرتا ہے ۔۔اس کے رخ زاویے اور جہتیں ہر انسان کیلئے مختلف ہوتی ہیں ، اس عرصے کا خاتمہ بھی ہر بندے کیلئے ایک جیسا نہیں ہوتا، کہیں زندگی ایک دم ہی ناطہ توڑ لیتی ہے ، کہیں رینگ رینگ کر گزرتے ہوئے جینے والے کو اذیت اور عذاب میں مبتلا کر دیتی ہے ، زندگی اپنا وہ سرمایہ جو جیتے جاگتے لوگ انسان کی صورت میں اٹھائے اٹھائے چلی جاتی ہے ، بالآخر موت کے حوالے کر دیتی ہے ، زندگی جیتی ہی مرنے کیلئے ہے ۔
ہر انسان کی زندگی تھوڑی ہو یا زیادہ وقت اپان کردار ادا کرتا ہے ، کبھی سہانا بن کر، کبھی ڈراؤنا بن کر، نشیب و فراز میں سے گزرتا ہے ، دکھ، خوشی، غم، فکر، انتشار، کامیابی،ناکامی سبھی کو لپیٹ میں لے کر چلتا ہے ۔میں جو کہ وقت کے ساتھ زندگی کے بہاؤ میں بہتے ہوئے تقریباً پون صدی گزار چکی ہوں ، اب جی چاہتا ہے ، کہ پلٹ کر دیکھوں کہ ان بیتے سالوں میں نے زندگی کے ساتھ یا زندگی نے میرے ساتھ کیسا نبھا کیا ہے ، یادداشت کے جن لمحوں کو میں چھو سکوں گی انہیں اکھٹا کرنے کی کوشش کروں گی، میں نے آدھی صدی سے زیادہ قلم کا قلم کا استعمال کیا ہے ، اپنے قارئین کیلئے معاشرے کے ہر پہلو پر کچھ نہ کچھ لکھنے کی کوشش کی ہے ، اللہ تعالی کا احسان عظیم ہے ، کہ لوگوں نے مجھے بڑی محبت دی، بہت کچھ جانے کی کرید اور جستجو بھی فطری بات ہے ۔۔۔۔ان کے ماضی کو حال میں لا کر جاننے کا شوق ہوتا ہے ، کم از کم میری خواہش تو ضرور ہوتی ہے ، کہ جو انسان مجھے ملا ہے ، یا جس سے میرا غائبانہ تعارف ہوا، میں ان کے بچپن، لڑکپن، جوانی اور بڑھاپے کے ہر دور کو اسکرین پر چلنے والی فلم کی طرح دیکھو۔۔۔۔۔ضروری نہیں کہ صرف مشہور شخصیات کے حوالے سے ہی مری یہ خواہش ابھرتی ہے ، بعض اوقات تو میں سڑکے کے کنارے کھڑے کا سہ گدائی پکڑنے انسان کے متعلق بھی جاننے کی متمنی ہوتی ہوں ۔۔۔۔ذہن میں کئی سوال ابھرتے ہیں ۔
کیا یہ شروع ہی سے ایسا ہے ؟
اس کا بچپن کیسا ہو گا؟
اس نے زندگی کو کیسا پایا ہو گا؟
ی کبھی خوشیاں بھی اس پر مہربان ہوئی ہوں گی؟
خیر
یہ تو میری اپنی سوچ اور اپنا تجسس ہے ، ہو سکتا ہے کوئی اس انداز سے نہ سوچتا ہو لیکن مجھے یقین ہے میرے قارئین جو پچاس سال سے زیادہ عرصے سے مجھے پڑھ رہے ہیں ان کے سامنے اگر میں اپنے چوہتر پچھتر سالوں کے احوال اکھٹے کر کے رکھ دوں تو وہ ضرور بخوشی جو کچھ لکھ رہی ہوں اسے پڑھیں گے ۔
پیشتر اس کے کہ میں اپنے اس دنیا سے متعارف ہونے کے متعلق اور اس کے بعد سالوں پر پھیلے واقعات کا احاطہ کروں ، میں کچھ اپنے خاندانی پس منظر کے بارے میں بھی لکھوں گی۔میرا تعلق ایک ممتاز کشمیر گھرانے سے ہے ، ہمارے آبا و اجداد کشمیر کے ایک خوبصورت اور جنت نظیر گاؤں گلبرگ کے رہنے والے تھے ، گلبرگ سری نگر کا ایک گاؤں تھا، پھولوں اور پھلوں سے لدا ہوا، قلقل کرتے ہوئے صاف و شفاف پہاڑی چشموں سے ترنم پیدا ہوتا تھا، ہریالی کا لبادہ اوڑھے یہ علاقہ اراضی جنت تھا، یہاں خوشبودار سیب اتنی بہتات میں تھے کہ کہا جاتا ہے ، ہو سیب پیڑ سے زمین پر از خود گر جاتا اسے کھایا نہیں جاتا تھا، بلکہ گایوں بھینسوں کو ڈال دیا جاتا تھا، سننے میں یہ بھی آیا ہے کہ گائیں اور بھینسیں اتنے سیب کھاتی تھیں کہ ان کے دودھ سے بھی سیبوں کی خوشبو آتی تھی، واللہ اعلم یہ بات ٹھیک ہے یا نہیں ، لیکن یہ سب حقیقت ہے ، کہ کشمیری سیبوں کی خوشبو میں کلام نہیں ، بچپن میں مجھے یاد ہے اباجی کشمیر گئے تھے اور وہاں سے سیبوں کی پیٹی لائے تھے ، ان سیبوں کی خوشبو اور مہک سارے گھر میں پھیل گئی، وہ خوشبو سے میرے اندر اب بھی مقید ہے ، سو اگر سیب ہی سیب کھانے والے گائے دودھ سے سیبوں کی خوشبو آتی تھی، تو یہ بات مغالطہ بھی نہیں ہو سکتی، خیر۔۔۔۔۔گلبرگ میں زعفران بھی پیدا ہوتا ہے ، جس کا سونے کی رنگت مخصوص خوشبو والا قہوہ کشمیری لوگ اب بھی بے حد پسند کرتے ہیں ، بشرطیکہ زعفران کشمیری ہو۔
ہماری دادی اماں اور بھی بیشمار خوبیاں اس خطہ زمین کی بیان کرتی تھی، اس حسین خطے میں بسنے والے بھی حسین تھے ، درا قد بھرے بھرے جسموں اور سرخ و سپید رنگت والے مرد اور نازک اندام حسین و جمیل عورتیں ۔۔۔۔۔جن کی سنہری سرخی مائل رنگت ملاحت لئے ہوتی تھی، کچھ خواتین کی رنگت گلابی چائے ایسی ہوتی تھی پاک صاف فضا، پاکیزہ ماحول، قدرت کا لازوال حسن میں جب بھی ان سب چیزوں کا تصور کرتی ہوں تو حیرانی ہوتی ہوں ، کہ ہمارے آبا و اجداد نے یہ خطہ بے نظیر کتنے دکھ سے چھوڑا ہو گا، اپنی سرزمین سے جدا ہونا تو ویسے ہی اذیت کا باعث ہوتا ہے ، اس پھولوں میٹھے چشموں اور زعفرانی مہک کے علاقوں سے وہ کیسے جدا ہوئے ۔
ہمارے آبا و اجداد مدتوں سے کشمیر میں آباد تھے ، ہمارا سلسلہ نسب جرنیل گلاب سنگھ تینترا سے ملتا ہے ، یہ بہت بہادر فوجی تھے اور مہاراجہ کشمیر کے دست راست تھے ، انہی کی اولاد مشرف ب اسلام ہوئی اور انہیں میں سے ہمارا خاندان ہے ، یہ تینترے بہت جنگجو اور سپہ گیری ماہر تھے ، کشمیری قوم کے متعلق یونہی مشہور کر دیا گیا تھا، کہ یہ بزدل قوم ہے ، لیکن جسے قبیلے سے ہمارے بزرگوں کا تعلق تھا۔وہ بہت بہادر نڈر اور س چشم تھی، چنانچہ یہ خوبیاں اب بھی نسل در نسل چلتی ہمارے کرداروں کا حصہ بنی ہوئی ہیں ۔
لگ بھگ اٹھارویں صدی کے شروع میں ہمارے آبا و اجداد نے نقل مکانی کی، جس وجہ کشمیر میں قحط بتائی جاتی ہے ، قحط میں غالباً فصلیں پھل پھول سوکھ گئے ہوں گے او ویرانی نے ڈیرہ جما لیا ہو گیا،روزگار کی صورت نہ رہی ہو گی، اسی لئے گھر بار ،زمینیں ، باغات اور زعفران کے کھیت چھوڑنے پڑے یہ لوگ قافلہ در قافلہ ایک جگہ سے دوسری جگہ ہجرت کی ہو گی، بہادری کے ساتھ جمالیاتی حس رکھنے والے یہ خوبصورت لوگ پنجاب کے مختلف علاقوں میں جا پہنچے تھے ۔
میں جہاں تک خاندانی ہسٹری ٹریس کر سکی ہوں ،ہمارے جد امجد جو کشمیر سے آئے دو بھائی تھے ، ایک کا نام جم جو غالباً پورا نام جمشید تھا، دوسرے کا ہل تھا، ان کے ساتھ ان کے بال بچے اور چچا زاد ماموں اور دیگر رشتے دار بھی آئے تھے ، سب نے سیالکوٹ کا نواحی علاقہ محلہ رنگپور رہنے کیلے پسند کیا، یہ تب بالکل غیر آبادی ہوتا تھا، اور ان لوگوں نے سر چھپانے کیلئے چھوٹے چھوٹے کچے گھر بنا لئے ، تلاش معاش کیلئے تنگ و دو شروع کر دی ہو گی، ہاتھ پیرے مارے ہوں گے ، اور زندگی سے کشمیر سے بالکل مختلف ماحول میں نباہ کرنے کی عادت ڈالی ہو گی، سنا ہے کچھ لوگ پنجاب کی گرمی نہ برداشت کر سکتے تھے اس لئے آہستہ آہستہ واپس جانے لگے ، انکا کیا حال ہوا معلوم نہیں ۔
ہمارا خاندان حجم کی اولاد سے چلا، جم کا بیٹا الا دتہ اور انکا بیٹا نور الدین تھا،یہ غالباً ہمارے اباجی کے پر داد تھے ، ہمارے دادا کا نام کریم بخش تھا اور یہ چار بھائی اور دو بہنیں تھے بھائی رنگپور ہی میں رہے ، نہیں ایک تو قصبہ جا مکئے چٹھ میں بیاہی گئی، دوسری بھی کسی قریبی قصبے میں ، انکی اولادوں سے ہمارا میل جول نہیں ہے ، کبھی کبھار کسی کا نام سننے میں آ جاتا ہے ، ہمارے دادا کے بھائیوں کی اولادیں سیالکوٹ ہی میں رہیں ، اس لئے وہ سب لوگ آپس میں لتے جلتے رہتے ہیں ، رنگپور میں زیادہ گھر ایسے ہی رشتے داروں کے تھے ، جو اب بھی ہیں ۔
جم اور گل تینترا کے ساتھ ان کے اور رشتہ داروں نے بھی کشمیر چھوڑا تھا، ان میں سے ایک خاندان ہجرت کر کے چین کی طرف نکل گیا تھا، دوسرا پشاور کی سمت اس نسل میں سے ایک نوجوان نے قندھار میں بادشاہت بھی قائم کر لی تھی، جو صرف اس کی زندگی تک ہی محدود رہی، پھر بغاوت ہوئی اور انہیں وہاں سے بھاگنا پڑا۔انکی اولاد پہنچیں کہاں آباد ہوئیں ، ان بکھرے لوگوں کا ہمارے بزرگوں کو بھی پتا نہ چل سکا۔
گل اور جم نے سیالکوٹ آ کر کاغذ کا کام شروع کر دیا تھا، کپڑے کے چیتھڑوں سے وہ کاغذ بناتے تھے ، جو موٹا اور قدرے کھرے دا ہوتا تھا، یہ کام انہوں نے کافی کامیابی سے چلایا، یہ کاغذ بہت مضبوط ہوتا تھا، ٹوٹتا بھی نہیں تھا، اور یہ سرمایہ کاری دستاویزات اور عدالتی کاموں میں لکھنے میں استعمال ہوتا تھا، اسی صنعت کو ہمارے دادا جان نے بھی اپنایا اور کاغذ کو قدرے ملائم اور پتلا کرنے کی کوشش کی، اس کام میں انہوں ے اپنے تینوں بھائیوں کو بھی لگایا، سب بھائی مل کر کام کرتے رہے ، لیکن اس کی آمدنی اتنی نہ تھی کہ چار خاندان اس پر پل سکتے ہمارے داد کی شادی سیالکوٹ کے بہت بڑے کشمیری خاندان میں ہوتی تھی ہماری دادی کے والد فوجی تھے ، بڑے بھائی مولوی پیراں دتہ بہت مشہور حکیم تھے ، جن کک شہرت نہ صرف پنجاب ہی میں نہیں یوپی اور دہلی میں پھیلی ہوئی تھی، ایک بھائی شہاب تھے ، جو باپ کی زمین سنبھالتے تھے ، انکا گھر بہت بڑا اور عالیشان تھا، ان کے گھر میں خدمت پر مامور تھے اور ان کے خاندان یہاں پلتے تھے ، ان کی بڑی بڑی بیٹھکیں تھیں ، قالینوں سے سجی ہوتی تھیں ، ریشمی گاؤ تکے اور پردے تھے ، تب بجلی نہیں ہوتی تھی، گرمی میں کمروں میں لکڑی پر کپڑے کی جھالروں والے پنکھے لگے ہوتے تھے ، جن کی رسی ہاتھوں سے کھینچی جاتی تھی، یہ بڑے اثر و رسوخ والا گھرانا تھا، روپے پیسے کی بھی ریل پیل تھی، دادی کے چچا جن کا نام غالباً الہ بخش تھا 1857 کی جنگ آزادی میں انگریزوں کے خلاف بے جگری سے لڑتے تھے ، انگریزوں نے انہیں گرفتار کر کے پھانسی کی سزا سنا دی تھی،م یہ بڑے جواں ، جیالے ، اور خوبصورت تھے ، جب انہیں پھانسی کی سزا ہوئی تو جیسے دھرتی کانپ گئی ، لوگ دم بخود ہو گئے ، دادی سنایا کرتی تھی کہ انہیں پھانسی پر چڑھایا جا رہا تھا تو دو دفعہ رسہ ٹوٹ گیا، پھر انگریزوں نے بطور خاص ریشم بٹوا کر رسہ تیار کروایا اور انہیں پھانسی دے دی گئی۔۔۔۔۔پورا سیالکوٹ اور گرد و نواح کے علاقے اس کڑیل جوان کی موت پر نوحہ کناں تھے ، لیکن غیر ملکی حکمرانوں کے سامنے آواز بلند نہ سکتے تھے ، جنہوں نے آواز بلند کی وہ بھی دھر لیے گئے ، یوں دادی کا خاندان اور دور تک مشہور ہو گیا۔۔۔۔اس خاندان کی ہمارے داد سے کوئی نسبت نہ تھی داد ابھی اپنی فیملی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرانے میں لگے تھے ، گھر میں بھی ایک ہی خاندان تھا، جو کچی پکی اینٹوں سے بنا ہوا تھا، چاروں بھائی یہاں ہی رہتے تھے ، بہنیں بیاہ کر اپنے اپنے گھروں کو جاچکی تھیں ، اس لئے گھر میں کوئی عورت نہیں تھی، اس لئے گر کا کوئی خاص طور طریقہ نہ تھا، سارے لڑکے تھے اور گھر کے کام بھی خود ہی کیا کرتے تھے ، اس لئے ضروری تھا کہ داد شادی کر کے بیوی گھر لے آئیں ، چچاؤں نے بھی اس بات پر زور دیا، داد محنت اور لگن سے کام کر کے پہلے اپنی مالی حالت سنوارنا چاہتے تھے ، لیکن ضرورت مجبوری کا دوسرا نام ہے ۔
اگلے وقتوں میں شادی کیلئے لڑکے کی شکل و صورت اور شرافت ہی دیکھیں جاتی تھی، تبھی تو ہماری دادی کا رشتہ ہمارے دادا سے ہو تھا، دونوں خاندانوں کی مالی حالتوں میں زمین و آسمان کا فرق تھا، دادی کے باپ اور بھائی سواریوں کیلئے گھوڑوں کا استعمال کرتے تھے ، مولوی پیراں دتہ جو حکیم تھے ان کی سفید گھوڑی تو پورے سیالکوٹ میں مشہور تھی، وہ اردگرد کے گاؤں اور قصبوں میں مریضوں کو دیکھنے اسی گھوڑی پر جایا کرتے تھے ، ان کا بڑا رعب و دبدبا تھا۔
دادی اماں سنایا کرتی تھیں ، کہ یکسر مختلف ماحول میں آ کر انہیں زندگی سے نبھا کرنے میں خاصی تکالیف کا سامنا کرنا پڑا گھر کے سارے کام خود کرنا پڑتے تھے ، ان دنوں دیور بھی ساتھ تھے ان کا کام بھی انہیں ہی کرنا پڑتا تھا، تو اور ان دنوں چکی پر گندم پیس کر روز تازہ آٹا بناتی تھیں ، دادی منہ اندھیرے اٹھتیں اور کام میں جت جاتی اور کام تو اتنے مشکل نہ تھے لیکن چکی پیسنا آسان کام نہ تھا۔۔۔۔۔ہاتھوں میں چھالے پڑ جاتے عمر بھر بھی چھوٹی تھی اکثر چکی پیستے رونے لگتیں ۔دادی بتایا کرتی تھیں ، اکثر جب وہ آتے تو میں آٹا پیس رہی ہوتی، وہ شاید بہن کے چہرے پر اذیت کے آثار پڑھ لیتے ، اس لئے بڑے پیار سے ان کی ہمت بندھاتے ، پیسے دے جاتے ، ہاں جاتے جاتے اپنے ہاتھ میں پکڑی چھتری سے اپنی سفید کلف شدہ پگڑی کو چھو کر کہتے دیکھ فتح بی بی میری پگ سفید ہے ۔۔۔۔۔
دادی کہتی ہیں میں سمجھ نہ پاتی کہ بھاجی یہ کیا کرتے اور کیا کہتے ہیں ، وہ کہتی ہیں آخر ایک دن جب میں میکے گئی تو میں نے اپنے ماں سے یہ بات کہی اور پوچھا ماں بھاجی اکثر یہ بات مجھے کیوں کہتے ہیں ؟
ماں جی مسکرا دیں ۔
دادی نے پھر پوچھا۔
تو۔
بولیں ، فتح بی بی تیرا بھائی تجھے یہ کہنا چاہتا ہے کہ تو کہیں گھر میں تنگی اور محنت مشقت سے تنگ آ کر بھاگ نہ آئے اس کی بے داغ سفید پگڑی پر بدنامی کا کوئی دھبہ نہ لگ جائے ۔۔۔۔
لیکن پھر دل میں عہد کر لیا، کہ وہ اپنے حالات سے ہنسی خوشی نباہ کریں گی اور بھاجی کو ایسا کہنے کا کبھی موقع نہ دیں گی۔
دادی نے کمر باندھ لی ۔۔۔۔۔۔۔۔ہر کام خوشی خوشی کرنے لگیں ، بھاجی اب بھی آتے دادی میں واضح تبدیلی دیکھ کر خوش ہوتے ۔۔۔۔ہمیشہ کی طرح کچھ رقم دینے لگتے تو دادی مسکرا کر رقم لوٹا دیتیں اس کی ضرورت نہیں بھاجی، میرے شوہر کا کام اچھا چل رہا ہے ، میرے پاس پیسے ہیں ۔
بھاجی خوش ہو کر بہن کا ماتھا چوم لیتے ، اب انہیں اپنی سفید پگڑی کے داغدار ہونے کا خدشہ نہیں تھا۔
دادی ماں نے اپنی ماں جی کو بھی منع کر دیا تھا کہ وہ جوہر دوسرے تیسرے دن گھی میں تلے ہوئے پراٹھے اور گوشت، شب دیگ وغیرہ کی ہنڈیاں ہاتوؤں کے ہاتھ بھجواتی ہیں نہ بھیجا کریں ، شاید ان کی خود داری یہ گوارہ نہ کرتی تھی۔
دادی نے اپنے حالات میں ہنسی خوشی رہنے تہیہ کر لیا تھا۔پھر اولاد کی نعمت اور دادی کی قسمت اللہ نے ان پر بڑی مہربانیاں کیں ، پیسہ افراط سے آنے لگا، جندر ایک جگہ تین چار لگا لیے ، کاغذ بھی بنتا تھا، اور اس کی کوالٹی بہتر ہو گئی تھی، یہ کاغذ بھی ویسا تھا جیسے ان کے دادا پر دادا بنایا کرتے تھے ، لیکن اب اس کی کوالٹی بہت بہتر ہو گئی تھی، چاول اور کاغذ کی ڈیمانڈ بڑھ گئی تھی، تینوں بھائی الگ ہو گئے تھے ، اس طرح خرچہ بھی کم ہو گیا تھا۔
دادی ماں کے پاس ایک منقش کٹورا تھا، جس میں وہ اپنی بچت جمع کیا کرتی تھیں وہ کہتی تھی یہ کٹورہ پورے ایک ہزار روپے سے بھر جاتا تھا، ہزار روپیہ اس زمانے میں بہت بڑی رقم ہوتی تھی، دادی ماں اپنی اس بچت سے اپنی ماں کو بھی آگاہ کیا کرتی تھیں تاکہ وہ خوش ہوں کہ اب انکی بیٹی غریب نہیں پیسے والی ہے ۔
یوں جب یہ کٹورہ کئی بار بھرا گیا تو دادی دادا نے اپنے کچے مکان کو ڈھا کر پختا مکان بنوانے کا عزم کر لیا، انہوں نے اپنے لئیے تین منزلہ پکی اینٹوں والا گھر بنوایا جس کی کھڑکیاں دروازے لکڑی دیار کے تھے ، کھڑکیاں جو گلی میں کھلتی تھیں ، ان میں موٹے پھولدار رنگین شیشے لگے تھے ، دروازوں پر جو محرابیں سی بنیں تھیں ، ان میں بھی یہی رنگدار شیشے ٹکڑوں کی صورت میں لگے ہوئے تھے ۔
فرشوں پر سمینٹ کے پلستر تھے ، ان دنوں پانی کنوؤں سے لا جاتا تھا، لیکن تھوڑی ہی مدت بعد لوہے کے بھاری بھاری ہنڈ پمپ متعارف ہوئے ، رنگپور کا یہ پہلا گھر تھا جس میں ہینڈ پمپ لگا تھا، چونکہ یہ گھر محلے میں سب سے اونچا اور پکی اینٹوں کا بنا تھا اس لئے یہ چوبارہ کہلانے لگا اور اس کے مکین چوبارے والے مشہور ہو گئے ، لوگ یہ چوبارہ دیکھنے آتے تھے ، یہ چوبارہ اب بھی موجود ہے ، لیکن سوا سو سال میں اس کی حالت کچھ خستہ ہو چکی ہے ، داد کے بعد بڑے تایا جی احمد الدین اس گھر میں رہے پھر ان کا بیٹا جن کی شادی میری بڑی آپا رشیدہ سے ہوئی تھی، یہاں رہے ، لیکن آپا کے فوت ہونے کے بعد چوبارہ بالکل ہی ویران ہو گیا۔
ہمارے دادا نے گلی کی نکڑ پر ایک اور گھر بھی بنوایا تھا اور دو ایک جگہ زمین بھی خریدی تھی، ہمارے دادا کے گیارہ بیٹے تھے ، پانچ کا تو صغیر سنی میں انتقال ہو گیا چھ سلامت رہے ، سب سے بڑے بیٹے کا نام گل محمد تھا، ان کے آدرش بہت اونچے تھے ، باپ کے ساتھ کاروبار میں شریک ہو کر انہوں نے کام کو بڑی وسعت دی، وہ بڑے نفیس ذوق کے مالک تھے ، بڑے خوبصورت اور وجیہ و شکیل جوان تھے ، بہت تیز فہم اور اچھے ذہن کے مالک تھے ، نئی نئی چیزوں کا شوق رکھتے تھے ، خود تو کاروبار میں شرکت کی وجہ سے زیادہ تعلیم حاصل نہ کر سکے لیکن ان کی بڑی خواہش تھی کہ چھوٹے بھائیوں کو اعلی تعلیم دلوائیں ، انہوں نے گھر کا طور طریقہ بھی بدل دیا تھا۔گھر میں نچلا حصے بیرونی کمرہ بیٹھک کیلئے مخصص کر دیا تھا، شاید اپنے امیر کبیر اور جید طبیب ماموں ان کے آئیڈیل تھے ، اس لئے گھر کو انکے گھر کی طرح سجانے کی کوشش کرتے ، بیٹھک میں قالین ڈالا، کھڑکیوں پر پردے لگائے اور لکڑی کی اونچی پشت والی کرسیاں ، جن پر روئی کی ریشمی غلافوں والی گدیاں ہوتی تھیں ، بیٹھک میں رکھیں ، ان دنوں بجلی نہیں تھی، مٹی کے تیل سے لالٹین اور لیمپ جلائے جاتے تھے ، تایا جی گل محمد نے موتیا کی جھالروں والا فانوس نما چھت سے لٹکنے والا لیمپ بھی لگوا دیا تھا، وہ فانوس خستہ حالت میں اب بھی اس چوبارے کے کسی کونے کھدرے میں پڑا ہے ۔
گل محمد بڑے شوقین مزاج اور صفائی پسند تھے ، اس زمانے میں دھوبی کے دھلے ہوئے سفید کلف شدہ کپڑے پہنتے تھے ، دھوبی ان دنوں چھیمے کھلاتے تھے ، انکا ذاتی چھیما تھا، جو ان کے سفید کپڑوں کو کلف لگاتا اور لوہے کی بڑی سی استری سے پریس کرتا تھا، تایا جی یہ جوڑا صرف ایک دن استعمال کرتے ، انہوں نے کبھی دو یا تین دن ایک جوڑا استعمال نہیں کیا تھا، لوگ ان کی صفائی اور سج دھج سے مرعوب تھے ، وہ دل کے بڑے مومن تھے ، غریبوں کے مالی اعانت بڑھ چڑھ کر لیکن کسی کو بتائے بغیر کرتے تھے ۔
ان سے چھوٹے بھائی احمد الدین تھے جو حکمت سیکھ رہے تھے ، پنجابی میں بہت عمدہ شعر کہتے تھے ، بچپن میں کالی سیاہی سے خوش خط لکھی ان کی شاعری کی کتابیں دیکھیں تھیں ، لیکن اب پتہ نہیں انکا کیا حشر ہوا، اتنا قیمتی ورثہ ضائع ہو گیا، احمد دین سے چھوٹے بھائی حاکم دین، پھر جلال الدین، پھر ہمارے اباجی نیاز الدین اور سب سے چھوٹے رحمت اللہ تھے ، یہ سارے بھائی بڑے ٹیلنٹڈ تھے ، اباجی تو ہر کلاس میں اول آتے تھے ، ان کے ہم جماعت سر ظفر اللہ تھے لیکن قسمت انہیں کہاں لئے گئی اور یہ لائق فائق طالب علم تعلیم جاری نہ رکھ سکے ۔ اس کی وجہ تایا جی گل محمد کے بے وقت موت تھی، وہ صرف بتیس سال کی عمر میں ہی فوت ہو گے انکی وفات 1910 میں اس وقت ہوئی جس دن انگریز حکمران بادشاہ ایڈورڈ ہفتم مرا تھا، انگریزوں کا راج تھا، ملک بھر میں ہڑتال ہو گئی، تایا جی کے کفن اور دوسری تعزیتی چیزوں کی خریداری کیلئے بڑی مشکل پیش آئی، مرحوم نے ایک بیٹا فیض احمد اور بیٹی نور فاطمہ پیچھے چھوڑیں ، فیض بھی چھبیس سال کی عمر میں عین عنفوان شباب میں انتقال کر گئے ، فاطمہ نے البتہ اسی سال کی عمر پائی، ان کی خوبصورت جواں سال بیوہ رحیمہ تھیں ، جو ہماری امی کی سگی بہن تھیں ، گل محمد کے کچھ ہی مہینوں بعد ہمارے دادا بھی ان کے غم میں گھل گھل کر راہی ملک عدم ہوئے ۔
سارا کچھ ہی الٹ پلٹ ہو گیا۔
اب سارا کاروبار اور گھر بار احمدالدین تایا جی کو سنبھالا وہ حکیم بن گئے تھے ، کاروبار اور گھر کے کرتا دھرتا تھے ، سب سے پہلا کام انہوں نے یہ کیا کہ چھوٹے چاروں بھائیوں کو اسکول سے اٹھا کر کام سیکھنے مختلف جگہوں پر بٹھا دیا، ان کے خیال میں تعلیم سے زیادہ اچھا کاروبار تھا۔
ہمارے اباجی کو ہر کلاس میں اول آتے تھے ، پڑھنے کے بے حد شوقین تھے پڑھ لکھ کر بہت بڑا آدمی نا چاہتے تھے ، تعلیم چھوڑ کر کام میں لگ گئے ، دوسرے بھائی بھی مختلف جگہوں پر فٹ ہو گئے ، تایا جی کا اتنا رعب تھا کہ چھوٹے بھائی دم نہ مار سکے ، لیکن اباجی نے جنہوں نے پانچویں جماعت میں اسکول چھوڑ تھا، پڑھائی چوری چھپے جاری رکھی، مطالعے کا شوق تھا، ادھر ادھر سے جو کتاب ملتی بھائی سے چھپ کر پڑھتے اس وقت ان کی عمر گیارہ، بارہ سال تھی، تعلیم کے معاملے میں ان سے یہ چوک ہوئی کہ بھائی سے ڈرنے کے باوجود اپنی ہر بات منوا لیا کرتے تھے ، پڑھنے پر بھی اڑ جاتے تو شاید بڑے بھائی مان جاتے اس بات کا انہیں ساری عمر افسوس رہا۔
گھر میں اب بھی لہر لہر تھی، چاولوں اور کاغذ سازی کے ساتھ تایا جی حکمت بھی کرتے تھے ، گو یہ تایا جی گل محمد کے سے ذوقی اور بہت اونچی سوچ کے مالک نہ تھے ۔پھر بھی گھر بار ماں اور بھائیوں کو سنبھالا، وضع داری کے ضرورت سے زیادہ قائل تھے ، چونکہ رنگپور میں چوبارے والے تھے ، اس لئے ان کی پگڑی کا شملہ اونچا ہی رہا، کسی کو خاطر میں نہ لاتے تھے ، کون انکے سامنے سر اٹھا کر بات نہیں کرتا تھا، اپنی بات منوانے کے عادی تھے ، یوں انکا صرف گھر اور رشتہ داروں پر ہی نہیں محلہ جو کشمیریوں کے علاوہ دوسری ذاتوں کے بھی آ کر آباد ہو گئے تھے ، ان پر بھی رعب چلتا تھا، ان کے غصے کے سامنے کوئی ٹھہر نہ سکا، سب بھائیوں میں صرف انہی کا مزاج ایسا سخت تھا ورنہ ہماری دادی اور چاروں بھائی بڑے حلیم الطبع اور منکسر المزاج تھے ، ہاں ہمارے اباجی قدرے مختلف تھے ، اچھا کھانے اور اچھا پہننے کے شروع سے شوقین تھے ، دوسرے بھائیوں کو تو بڑے بھائی صاحب جو کچھ لے دیتے بخوشی سے لیتے ، لیکن اباجی کو اگر کوئی چیز پسند آ گئی ہے تو بھائی سے بھلے ڈانٹ کھاتے تھے ، برا بھلا سنتے رہے مار تک کھاتے ، لیکن کرتے اپنی مرضی تھے ، پسند کی چیز لے کر ہی رہتے ، ایک واقعہ ہمیں اکثر سنایا کرتے تھے ، اباجی سناتے ہمیں عید پر بھائی جی نئے کپڑے اور نئے جوتے دلایا کرتے ، ایک عید سے قبل وہ ہمیں سیالکوٹ شہر لے گئے ، کپڑے خریدے پھر جوتے دلائے ، دکان میں بیٹھتے ہی اباجی کی نظر ریگ میں رکھے ایک کافی لیدر کے جوتے پر پڑی، دوسرے بھائی عام قسم کے جوتے لے کر ایک طرف ہو گئے تھے ۔
بھاجی ابا جی نے کہا۔
کیا ہے ؟ بھاجی بولے ۔
میں نے جوتے نہیں لوں گا، جو حاکم دین، جلال الدین اور رحمت اللہ نے لیے ہیں ۔
کیوں تم کیا لو گے ؟ بھاجی نے سختی سے پوچھا۔
وہ جوتا ابا جی نے اونچے ریگ پر رکھے جوتے کی طرف اشارہ کیا۔
دکاندار اباجی کی بات سن کر مسکرایا اور بولا بیٹا وہ جوتا بہت مہنگا ہے ۔
کیوں اباجی جھٹ سے بولے مہنگا ہے تو کیا ہوا؟
پانچ روپے کا ہے ، پرے پانچ کا۔۔۔وہ بول۔۔۔۔تو بڑے بھائی صاحب تپ کر بولے
اس کی ہر بات انوکھی ہوتی ہے ، پانچ روپے کا بوٹ لے گا۔۔۔۔
اباجی بس اڑ گئے ،،، بولے وہ ہی لوں گا۔۔۔۔
پھر بھائی کی برہمی و نظر انداز کرتے ہوئے بولے ۔۔۔آپ اتار کر دکھائیں تو سہی۔۔۔۔دکاندار اٹھا اور جوتا اتار کر اباجی کے سامنے رکھتے ہوئے بولا۔
یہ جوتا مہاراجہ صاحب کشمیر کیلئے بنوایا تھا، لیکن انہیں ذرا تنگ تھا اس لئے واپس آگیا۔
اباجی نے جوتو میں پاؤں ڈالا تو ان کے پیروں میں جوتا اس طرح سے فٹ آیا جیسے انہیں کیلئے بنایا گیا تھا، اب تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ اباجی یہ جوتا نہ خریدتے ، پانچ روپے اس زمانے میں بہت بڑی رقم تھی، بھائی نے تو تینوں بھائیوں کو اڑھائی روپے کے جوتے دلائے تھے ان ایک اکیلے کو پورے پانچ روپے کے جوتے دلانا ان کیلئے ممکن نہ تھا، لیکن اباجی ضد پر اڑے تھے ۔۔۔۔بالآخر اباجی وہ جوتے لے کر ہی ٹلے ۔
اباجی کی عادتیں بھی باقی بھائیوں سے فرق تھیں ، دادی سب کیلئے صبح روٹی بناتی تھیں ، گھر میں بھینس تھی اس لئے خالص مکھن اور دودھ ہوتا تھا، روٹی پر تھوڑا تھوڑا مکھن لگا کر دودھ کے پیالے بھر کر بچوں کے سامنے رکھ دیتیں ، لیکن اباجی کبھی مکھن لگی روٹی نہ کھاتے ، وہ پراٹھے کے شوقین تھے ، بہت چھوٹے تھے تب سے ہی ضد کر کے اپنے لئے پراٹھا بنواتے ۔
پھر۔
صرف ناشتے میں نہیں ، دوپہر اور رات کے کھانے میں بھی پراٹھا ہی کھاتے ۔۔۔۔
پراٹھا بھی سوکھا گیلا نہیں پرتوں والا گھی میں تلا ہوا۔۔۔۔۔۔دادی بھی کبھی جھنجھلا جاتیں ۔۔۔۔۔کہتیں ۔۔۔۔۔تو انوکھا تو نہیں ۔۔۔۔ تیرے اور بھی بھائی ہیں ۔۔۔آدھا گھی تو تو کھا جاتا ہے ۔۔۔
تب اباجی بڑے خوشامدی لہجے میں اماں سے کہتے بے بے جی مجھے تیل ہی کا پراٹھا بنا دیا کر۔۔۔۔۔۔میں کھاؤں گا پراٹھا ہی۔۔۔۔۔
دادی کو بیٹے پر پیار آ جاتا۔۔۔۔ پراٹھا بنا ہی دیتیں ۔۔۔۔
اباجی کی پراٹھا کھانے کی عادت مرتے دم تک رہی۔۔ صبح ناشتے میں ایک دوپہر کو کھانے دو اور رات کے کھانے میں ایک پراٹھا کھاتے تھے ۔۔۔۔۔پراٹھا بھی ویسا ہی جیسا وہ بچپن سے کھاتے چلے آ رہے تھے ، لیکن وہ کبھی بیمار نہیں ہوئے ، پیٹ خراب نہیں ہوا، صحتمند رہے ۔
سفید چاولوں وہ نہیں کھاتے تھے ، پلاؤ کبھی کبھار کھاتے تھے ، لیکن ابلے ہوئے سفید چاول جو کشمیری خاندانوں کی مرغوب غذا ہے اور ہمارے گھر میں بھی روزانہ رات کو چاول ہی پکتے تھے ۔۔۔۔نہیں کھاتے تھے ، اباجی کیلے امی پراٹھا ہی بناتی تھی، پراٹھے کے ساتھ بھنا ہوا گوشت ہی اکثر کھاتے ، سبزیوں میں صرف کریلے پسند تھے ، کبھی کبھی قیمہ بھرے ٹینڈے کھاتے ، بڑا گوشت کبھی نزدیک نہیں آنے دیا، چھوٹا گوشت اور دیسی مرغ وہ بھی جو ابھی اذان دینے کے قابل نہ ہوا ہو، مرغوب تھا، اباجی کی اوڑھنے پہننے میں بھی مخصوص عادتیں تھیں ، بوسکی کی بین والی قمیض جس کی آدھی سلائی درزی سے ہاتھ سے کرواتے تھے ، کہ مشین کا بخیہ باہر کی طرف نظر نہ آئے ، لٹھے کی مشہور شلوار، جس کے پائنچوں میں بے معلوم پنک رنگ کے ڈورے ہوتے ، سر پر قیمتی قراقلی ٹوپی، کاف لیدر کے بوٹ یا پمپی، سردیوں میں سوئیٹر کے شرٹ ہوتی، گھر میں گرمیوں میں آدھی بانہوں والی گول گلے کی بنیان اور پاجامہ اور کبھی کبھی دوہری دھوتی بھی استعمال کرتے ، اپنے بستر کے معاملے میں بھی بڑے کاش تھے ، ہمیشہ ہمیشہ لٹھے کی جھالر لگی چادر ان کے پلنگ پر ڈالی جاتی، چادر ذرا سی بھی ٹیڑھی بچھی ہوتی یا اس پر سلوٹیں پڑ جاتیں تو جب تک ٹھیک نہ کر لیتے انہیں نیند نہ آتی، سونے سے پہلے مطالعے کی ان کی عادت تھی، حقہ پیتے تھے ، تمباکو ان کیلئے پتہ نہیں کس شہر سے منگوایا جاتا تھا، عام تمباکو کو نہ پی سکتے تھے ، سگریٹ بھی زیر استعمال رہتا ہے ، لیکن اونچے برینڈ کا مجھے 555 کی سنہری ڈبیہ ابھی تک یاد ہے ، ہاں اباجی قمیض پر سونے کے چھوٹے چھوٹے نفیس بٹن اور کف لنکس ہمیشہ استعمال کرتے تھے ، بٹنوں کا خاص ڈیزائن تھا، ایک دفعہ ایک بٹن گم ہو گیا، اباجی نے دوبارہ بنوانے اپنے بٹنوں کا ڈیزائن ویسا ہی کاغذ پر ڈرا کر کے سنار سے ہو بہو ویسے ہی بٹن تیار کروائے ۔
اباجی کے بڑے تین بھائیوں کی شادیاں بھی چھوٹی عمروں میں ہوئی تھیں ، اباجی تو صرف سترہ برس کے تھے ، اور ہماری امی گیارہ برس کی، ہماری خالہ چودہ برس کی تھیں ، چونکہ دونوں بہنوں کی شادی اکھٹے کرنا تھی، اس لئے گیارہ برس کی بچی کا بیاہ رچا دیا، امی کا گورا چٹا اونچا لمبا اور عام طور پر خوبصورت تھا، ہماری فیملی کو پنجاب میں رہتے عرصہ ہو گیا تھا، اس لئے آب و ہوا رنگتوں پر اثر انداز ہوتی ہیں ، عام طور پر مردوں کے رنگ گندمی ہو گئے تھے ، عورتیں البتہ اب بھی گوری چٹی اور سنہری رنگتوں والی تھیں ، کچھ ہی کے رنگ موسموں کی نذر ہوئے تھے ۔ہماری امی ابو کی شادی 1914 میں ہوئی تھی اور بہت ہی دھوم دھام سے ہوئی تھی، آتش بازی کا جو استعمال ہوا ہو لوگوں میں عرصہ تک مقبول ہوا، اس دھوم دھام کی ایک وجہ یہ تھی کہ ہمارے بڑے تایا جی جو خاندان کے سر پرست تھے ، اپنے کو کسی سے کم سمجھنے کیلئے تیار نہیں تھے ، چونکہ ہماری خالہ کی شادی ایک بڑے اور تعلیم یافتہ گھرانے میں ہو رہی تھی، اس وقت بھی ان کے خاندان مین اعلی تعلیم یافتہ لوگ تھے ، ان کی جیٹھانی ڈاکٹر تھیں ، ائیر وائس مارشل رحمان ان کے دیور کے بیٹے تھے ، سیالکوٹ کے مشہور تعلیم دان ماسٹر اللہ دتہ بھی اسی خاندان کے تھے ، سو اس خاندان پر اپنی امارات کی دھاک بٹھانے کیلئے تایا جی نے اس شادی پر دل کھول کر خرچ کیا، بڑے شہانہ انداز میں بارات لے کر گئے ، اور دونوں میں جو چاندی کے روپے ہوتے تھے ، بارات کو روک روک کر دولہا پر سے نچھاور کرتے رہے ، کہتے ہیں ابا جی تایا جی نے روپوں میں چاندی کی گھو نگھریاں بھی ڈال کر خیرات کی، دلہن کے کپڑے اور زیورات بھی اتنے اچھے اور زیادہ تھے کہ وہ خالہ کے سسرال والوں سے بازی لے گئے ۔
امی گیارہ سال کی بچی ہی تو تھیں ، خوب گوری چٹی تھیں ، ان کا خاندانی نک نقشہ تقریباً ایک جیسا تھا لمبے قد بھرے بھرے جسم اور اونچی پتلی ناکیں ، درمیانے ہونٹ اور درمیانی آنکھیں بڑی بڑی پیشانیاں بالوں اور آنکھوں کی رنگت سیاہ کوئی کوئی فرد شربتی آنکھوں اور سنہری بالوں والا ہوتا تھا۔
امی بچی تھیں ، سرخ گوٹے والا جوڑا پہن کر خوشی خوشی دلہن بنیں ، ہاتھ پاؤں میں مہندی سے سجے تھے ، پاؤں میں پازیب چھن چھن کر رہی تھی، دلہن بنکر خوشی سے پھولی نہ سما رہی تھیں ، بڑی بہن زینب چودہ پندرہ سال کی تھیں ، خاصی سمجھدار تھیں ، وہ دلہنوں کو عام رویہ اپنائے سمٹی بیٹھی تھیں ، امی کو خاموشی سے بیٹھنے کیلئے کہا گیا، لیکن امی کب سمجھتیں تھیں ، جونہی گلی میں دونوں باراتوں کے ساتھ آئے بینڈ باجے بجنے لگے ، وہ کھڑکی سے آدھی باہر کو لٹک گئی یہ دھوم دھڑکا دیکھنے کا شوق تھا، ہمارے مرحوم تایا جی کی بیوہ ہماری تائی جان کا دوبارہ نکاح تایا احمد الدین سے کر دیا گیا، امی کی سگی پھوپھی تھیں ، وہی دیور کیلئے اپنی بھتیجی کا رشتہ لے کر گئی تھیں ، ایک دفعہ اچانک کمرے میں دولہوں کو دیکھنے آئیں ، تو امی کھڑکی سے آدھی باہر کو لڑکی گلی میں اپنی ہم جولیوں اور رشتے کے کزنوں کو تالیاں بجا بجا کر اپنی طرف متوجہ کر رہی تھی، بینڈ باجے کے شور میں امی کے آوازیں شاید ان ساتھیوں تک نہ پہنچ رہی تھیں ۔ہائے ہائے تائی جی نئے امی کو دیکھا ے و سینے پر دو ہتڑ مارا۔۔۔۔۔۔۔پھر آگے بڑھ کر امی کو دونوں بازوؤں سے پکڑ کر کھڑکی سے اندر کھینچتے ہوئے بولیں ۔ اے عاشاں عائشہ کی امی کا نام تھا بلایا عاشاں ہی جاتا تھا۔۔۔۔۔
کیا ہے پھوپھی جی امی نے اپنے کندھے چھڑائے ۔۔۔
تیری مت ماری گئی ہے ، آج تیری شادی ہے آرام سے بیٹھ جا بہن کے پاس۔
کیوں بیٹھوں ۔۔۔۔گلی میں باجے ج رہے ہیں سارے لوگ وہاں ہیں ۔۔
تائی جان غصے میں بولیں اب کہیں نیچے گلی ہی میں نہ پہنچ جانا۔
امی کو نئی بات سوجی تائی جی کے گلے میں بازوں ڈال کر بولیں پھوپھی جی۔۔۔۔۔۔۔۔۔میں تھوڑی دیر کیلئے گلی میں جاؤں میری سہیلیاں وہاں کھڑی ہیں ۔
لو دیکھو تائی جی نے گال پر ہاتھ مارا، پھر امی کو زینب کے قریب بٹھاتے ہوئے سختی سے بولیں خبردار جو تو یہاں سے ہلی۔
امی پلنگ پر پاؤں لٹا کر بیٹھ گئی، ضد میں ہاتھ پاؤں اٹھا اٹھا کر آپس میں ٹکرانے لگیں ، بانہوں میں پڑی چوڑیا اور پاؤں کی پازیبیں چھٹک چھٹک کرنے لگیں ، تو امی کو ان کا مترنم شور بہت پسند آیا، تائی جان نے پریشان ہو کر منع کیا تو وہ ہنس ہنس کر چوڑیاں اور پازیبیں چھٹکانے لگیں ۔
اسی اثنا میں کچھ رشتہ دار عورتیں اور لڑکیاں کمرے میں آ گئیں ۔
ہائے کتنا روپ آیا ہے ، تجھ پر عاشاں ۔۔۔۔۔کتی سوہنی لگ رہی ہے کسی نہ کہا۔
اچھا امی نے پھر چھن چھن شروع کر دی، دیکھو نہ میرے زیور بھی کتنے مزے کے ہیں ۔
عاشاں بیٹی یہ امی کے استانی تھی۔۔۔۔۔جب شادی ہوئی امی تیسری یا چوتھی جماعت میں تھیں ، استانی جی نے امی کو پیر اوپر اٹھا کر سمٹ کر بیٹھنے کو کہا، امی استانی کا حکم مانتی تھیں ، اس لئے جس طرح انہوں نے کہا بیٹھ گئیں ۔
تائی جی نے امی کو استانی جی کے حوالے کیا، استانی جی۔۔۔۔رخصتی تک اسے ایسے ہی بٹھائے رکھنا، اٹھ اٹھ کر دوڑ رہی ہے ۔
بچی ہے ۔ استانی جی مسکرائیں ، آپ جائیں ، میں اس کے پاس ہوں ۔تائی نے شکر کیا ان کا تعلق چونکہ دونوں طرف سے تھا اس لئے انکا باہر مہمانوں کے پاس آنا ضروری تھا۔
استانی جی امی کو سنبھالنے لگیں ، زینب سے بھی باتیں کیں ، دونوں کو نئی زندگی کے متعلق سمجھایا، بہت کچھ بتایا، جو خالہ زینب کے پلے تو پڑا ہو گا لیکن امی کے سر کے اوپر سے گزر گیا۔
اچانک باہر شور مچا ہنسیاں قہقہے بلند ہوئے ، کیونکہ دونوں دولہاؤں کو ایک ساتھ لایا جا رہا تھا، ایک کا پیر آگے بڑھ جاتا تو ساتھ کھڑا ہجوم شور مچا دیتا، دونوں اکھٹے پیر اندر لاؤ۔
یہ سلامیوں کا مرحلہ تھا، دونوں دولہوں کو اکھٹے بٹھایا گیا اور ہر کوئی دونوں کو ایک جتنی سلامی دینے لگا، پھر رشتے کی سالیوں نے دودھ پلائی کی رسم کرنا تھی، تب تک امی اور زینب دوہی بہنیں تھیں ، اس لئے ماموں خالہ پھوپھی اور چچا زاد بہنیں دودھ لے کر دونوں دولہوں سے گلاسوں سے گھونٹ گھونٹ دودھ پینے کے بعد پیسوں کی ڈیمانڈ کرنے لگیں ، یہاں بھی دونوں طرف سے مقابلہ تھا، سالیوں کی چاندی ہو گئی، کیونکہ ایک دولہا کا سرپرست دوسرے دولہا کے سرپرست سے زیادہ پیسے نکلا رہا تھا،شاید نیلامی کی بولی کی طرح یہ رقم بڑھتی ہی جاتی کہ خاندان کی ایک بزرگ خاتون نے دونوں فریقوں کا معاملہ طے کرایا۔
اس طرح رخصتی کا مرحلہ آیا، دو ڈولیاں دروازے پر کھڑی کر دئی گئیں ، ماں باپ رشتے دار عزیز انہماک آنکھوں سے دونوں دولہنوں کو باہر لائے خالہ زینب رو رو کر ہلکان ہو رہی تھیں ، لیکن امی کو ذرا بھی رونا نہیں آ رہا تھا، وہ زینب کو دیکھ دیکھ کر حیران ہو رہی تھیں ، ڈولی میں بیٹھنے کا مزہ تو آئے گا، یہ کیوں رو رہی ہے ۔
ہمارے نانی نانا بڑے نیک پرہیزگار اور پنج وقتہ نمازی آدمی تھے ، چھوٹا سا گھر نانا چھوٹا موٹا کنسٹرکشن کا کام کرتے تھے ، نانا کا نام رحمت علی اور نانی کا نام فاطمہ تھا، درمیانے متوسط طبقے سے تعلق تھا، دونوں بیٹیاں اونچے گھروں میں جا رہی تھیں ، اس لئے خوش بھی تھے ، لیکن جگر گوشوں کو جدا کرتے ہوئے رو بھی رہے تھے ، امی نے ماں کو روتے دیکھا تو پتا نہیں کیوں انہیں بھی رونا آگیا، لیکن جب ڈولی میں بیٹھیں تو پھر خوش ہو گئیں ، ڈولی گھر سے اپنے بھائی بند ہی اٹھا کر لے جا رہے تھے ، کہاروں کے حوالے گلی پار کر کے کیا کرتے تھے ۔دونوں ڈولیاں مخالف سمتوں سے گلی سے ایک ہی وقت میں نکلیں اور اپنی اپنی راہ پر چل دیں ،تب بھی خوب پٹاخے چھوڑے گئے اور چاندی کے روپے ڈولیوں پر سے نچھاور کئیے گئے ، جو بچوں بڑوں سب نے ہی لوٹے ، یہ اس وقت کی ریت تھی، اب تو دلہنیں سجائی گاڑیوں میں رخصت ہوتی ہیں ، رونا دھونا نہیں ہوتا، پر سے پیسے بھی نہیں لٹائے جاتے ، خیرات خاموشی سے کسی مستحق کو پکڑا دی جاتی ہے ۔
ہمارا ننھیال سیالکوٹ شہر کے موری دروازہ میں رہتا تھا، رنگپور اور موری دروازہ میں خاصا فاصلہ تھا، امی کو ڈولی کی سواری میں بڑا مزہ آیا۔
سسرال میں بھی کنبہ قلیل تھا، دلہنوں کو ہاتھوں ہاتھ لیا گیا، چوبارے والوں کی دلہن کو اردگرد کے لوگ بھی دیکھنے کیلئے آ گئے تھے ، امی کے چاؤ چونچلے ہو رہے تھے ، سلامی مل رہی تھی، کوئی ایک روپیہ دے رہا تھا، کوئی آٹھ آنے ، پانچ دس دس روپے بھی جیٹھوں سے ملے ، امی کی جھولی خاصی وزنی ہو گئی تو ساری پھوپھی کی جھولی میں الٹ دی، ان دنوں کاغذی نوٹوں کی جگہ سکے جو سلامی دئیے جاتے تھے ۔
شام اترنے تک تو امی خوب خوش رہیں ، لیکن جونہی اندھیرا اترا، چراغ جلنے لگے ، تو امی کو نئی اور اجنبی جگہ پر خوف محسوس ہونے لگا، اور جب کھانا کھانے کے بعد خاندان کی سہاگنیں انہیں ایک الگ کمرے میں پھولوں بھری سیج پر بٹھا کر کمرے سے نکلنے لگیں ، تو وہ بھی رنگین اور شیشوں لگے پایوں والے پلنگ سے کود کر اتر آئیں ، ان کی اس حرکت پر سب عورتیں ہنس پڑیں ۔ پھر بڑی مشکلوں سے لاڈ پیار کر کے انہیں سیج پر بیٹھایا۔
ہاں دوسری جیٹھانی نے اباجی کو بلانے کی رائے دی، نیاز الدین ہمارے اباجی کا نام تھا۔
بڑی جیٹھانی نے کسی دوسری عورت کے کان میں کھسر پھسر کی کہ دولہا کو چپکے سے جا کر لے آئے ۔
امی کو چین نہیں آ رہا تھا، بار بار پلنگ سے اترنے کی کوشش کر رہی تھیں ، خوفزدہ بھی ہو رہی تھیں ، جب خوف زیادہ ہی بڑھ جاتا ہے ، تو سب سے ملتجیانہ لہجے میں بولیں ، میں نے ماں کے پاس جانا ہے ، اپنے گھر جانا ہے ۔۔۔۔۔۔
جیٹھانیوں نے ہنس کر کہا عاشاں اب یہ تیرا گھر ہے ، تیرا بیاہ ہو گیا ہے ۔۔۔۔۔تو اس گھر کی بہو بن گئی ہے ۔۔۔۔۔گیارہ سالہ بچی کو یہ فلسفہ کہاں سمجھ میں آتا، انہوں نے پھولوں بھری سیج پر ہی پاؤں رگڑنا شروع کر کے رٹ لگا دی کہ میں نے ماں کے پاس جانا ہے ، یہ میرا گھر نہیں ہے ، مجھے میرے گھر چھوڑ آؤ۔
امی کی ضد اور جیٹھانیوں کے سمجھانے کے مرحلے کے دوران ہی رشتے دار کی جواں سال بھابھی شوخی سے مسکراتی اباجی کو کمرے میں لے آئیں ۔۔۔۔۔۔۔ اور انہیں بستر پر ایک طرف بٹھاتے ہوئے کہا لے نیاز سنبھال اپنی ووہنی کو۔۔۔۔۔۔ ساتھ ہی سب نے ایک دوسری کو آنکھوں ہی آنکھوں میں کمرے سے نکلنے کے اشارے کئے ۔ امی نے جب سب کو جاتے دیکھا اور اباجی کو پلنگ پر اکیلے بیٹھے دیکھا تو وہ بے اختیارانہ چیخیں مارنے لگیں ، پلنگ سے چھلانگ لگا کر اتریں ۔۔۔۔۔ اور دروازے سے نکلنے والی عورتوں کو دھکے دیتی باہر آ گئیں ۔۔۔۔۔بس پھر کیا تھا۔۔۔۔۔۔اتنا چیخیں ۔۔۔۔۔۔۔ اتنا روئیں ۔۔۔۔۔۔ کہ گھر والے گھبرا گئے ۔۔۔۔ بار بار سیڑھیوں کی طرف لپکتیں ۔۔۔۔۔اپنے گھر جانے کی رٹ لگا کر رکھی۔۔۔۔۔
بڑی مشکلوں سے دادی نے انہیں سنبھالا پیار کیا، گلے سے لگایا۔۔۔۔۔اور صبح صبح انہیں امی کے گھر پہنچانے دینے کا دلاسہ دیا، ۔۔۔۔یہ بھی کہہ ک صبح تمہاری امی اور دوسرے بہت سے رشتہ دار تمہیں لینے آگے ۔۔۔۔۔ولیمہ جو تھا۔۔۔۔۔
امی کو کچھ تسلی ہوئی۔۔۔۔دادی نے انہیں اپنے ساتھ اپنے بستر پر لٹا دیا، اور محبت بھری باتوں سے امی کا دل لبھانے لگیں ۔۔۔
امی تھکی ہوئی تھیں ، رونے چلانے سے بھی بے حال تھیں ، اس لئے تھوڑی دیر بعد سو گئیں ، نہ کپڑے بدلے نہ زیور اتارے اور پھر انہی گہری نیند سوئیں کہ انہیں پتا ہی نہیں چلا کہ کب ان کی ساس اٹھ کر وہاں سے چلی گئی اور کب نیاز صاحب ان کی جگہ پر آ گئے ۔دوسری شام امی اپنی ماں اور رشتہ داروں کے ہمراہ گھر واپس اپنے گھر آئیں اور ایسا آئیں کہ سسرال کبھی نہ جانے کا اعلان کر دیا۔ امی پورے دو اڑھائی سال میکے ہی میں رہیں ، سسرال سے جب کوئی لینے آتا تو چھپ جاتیں ، چچاؤں اور دوسرے رشتہ داروں کے گھر ساتھ ساتھ ہی تھے ، کبھی کسی کے گھر کبھی کسی کے ہاں بھاگ جاتی۔
امی ایک مزے کی بات بتایا کرتی تھی، کہ میں اپنے گھر کی اوپر والی چھت پر جو کچی تھی مٹی اکھٹی کر کے چھوٹی چھوٹی قبریں بنایا کرتی تھی، دو تین قبریں بناتیں ۔۔۔۔۔۔۔ ایک پر انگلی رکھتیں یہ میری ساس کی قبر ہے ۔۔۔
دوسری کو چھو کر کہا کرتیں یہ میری پھوپھی بڑی جیٹھانی کی قبر ہے ۔
اور تیسری کو چھوئے بغیر کہتیں یہ نیازو کی قبر ہے ۔ غصے میں اباجی کا نام بھی بگاڑ دیا کرتی تھیں ، سسرال والے خاص کر دادی اور اباجی بہت پریشان تھے ، اب امی کچھ بڑی بھی ہو گئی تھیں ، لیکن خوف جو دل میں بیٹھا ہوا تھا وہ نکل نہ پاتا تھا۔
اڑتالہ سیالکوٹ کے قریب ایک جگہ ہے وہاں ددھیال کے خاندانی پیر رہتے تھے ، بہت پہنچے ہوئے تھے ، کہتے ہیں انہوں نے چودہ سال پانی میں کھڑے رہ کر عبادت کی اور قرب الہی پایا تھا، دادی اور خاندان کے دوسرے لوگ گا ہے گاہے انکے پاس دعا اور خیر و برکت کیلئے جایا کرتے تھے ، دادی کو خیال آیا امی کو انکے پاس لے جایا جائے ۔
چنانچہ انہوں نے اپنی بڑی بہو سے کہا رحمیہ عاشاں کو اڑتالہ شریف نہ لے چلیں ، شاید وہ ہی اس کو کچھ سمجھائیں ، دعا دیں اور یہ اپنے گھر آ جائے ۔
بالکل بے بے جی، تائی نے جواب دیا، لیکن اک بات ہے ۔
کیا۔
عاشاں ہمارے ساتھ جائے گی؟ ہم سے تو وہ کوسوں دور بھاگتی ہے ۔
دادی نے کچھ اور سوچا اور بولیں ، اسکی ماں کو بھی ساتھ لے چلیں گے ، ماں کے ساتھ تو چلی جائے گی۔
ہاں یہ بات ٹھیک ہے ۔
چنانچہ دادی نے ہماری نانی کو اعتماد میں لے کر پروگرام بنا لیا، امی ماں کے ساتھ جانے پر تیار ہو گئیں ، دو چار رشتہ دار بھی ساتھ لے گئے ، پیر صاحب کے ہاں حاضری دی۔
دادی نے جب امی کی روئداد سنائی تو پیر صاحب نے زیر لب مسکرائے اور بولے فتح بی بی۔فکر نہ کرنا یہ بڑی قسمت والی ہے ، اس کا گھر ایسے بسے گا، کہ دنیا دیکھے گی، ابھی چھوٹی ہے ، کچھ دیر اور صبر کر لو، یہ اپنے گھر خوشی سے جائے گی، اور بہت خوش رہے گی۔
دادی نانی کو انکی باتوں سے تسلی ہوئی۔
اس کے کچھ ہی دنوں بعد ابا جان نے ماں اور بھابھی سے مای کو گھر لانے کا اصرار کیا۔دادی تو اتنی جلدی جانے پر رضا مند نہ تھیں ، پر ابا جی بضد تھے ، چنانچہ تینوں پھر موری دروازے گئے ، اب امی ان لوگوں سے کچھ کچھ مانوس سی ہو گئی تھیں ، بارھویں سال میں تھیں ان کو دیکھ کر بھاگتی نہیں تھیں ۔
دادی اور ہماری تائی جو امی کی پھوپھی کی تھیں انھیں انہوں نے امی کو جانے کیسے ساتھ چلنے پر تیار کر لیا، سسرال جانے کا نہیں کہا ویسے ہی گھمانے پھرانے لے جانے کی بات کی، امی نے نیا جوڑا اور زیور پہنا، پاؤں میں طلے اور ستاروں والی جوتی جیسے چاننی جوتی کہا جاتا تھا، پہنی۔۔۔۔
ان دنوں لوگ سیالکوٹ شہر سے رنگپور پیدل ہی آتے جاتے تھے ، لیکن ابا جی نے اپنی دلہن کو لانے کیلئے تانگہ منگوایا تھا۔
امی خوشی خوشی انکے ساتھ تانگے میں جا بیٹھی تانگہ نیا اور گھوڑا خوبصورت تھا امی بہت خوش تھیں ، اباجی کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں تھا۔
لیکن تانگہ موری دروازے کی سڑک مڑ کر جوں ہی رنگپورے والی سڑک پر چڑھا، امی نے تانگے سے چھلانگ لگا دی، اور سر پٹ دوڑتی ہوئی پچھلی گلی میں گھس گھس گئیں ،ایک جوتی بھی نالے میں گر گئی، لیکن وہ دوڑے گئیں ، اور گھر جا پہنچیں ایک پاؤں سے ننگی قیمتی چاننی جوتی کا ایک پیر نالے میں بہہ گیا تھا، ظاہر ہے سب نے پریشان ہونا تھا۔
اس طرح کے تماشے چند دفعہ اور بھی ہوئے ، لیکن جب امی چودہ سال کی ہو گئیں تب خاصی سمجھدار ہو چکی تھی، اس لئے سسرال جانے پر آمادہ ہو گئیں ،چودہ سال سے کچھ ماہ اوپر ان کی عمر تھی، جب وہ باقاعدہ بہو بن کر سسرالی گھر میں آئیں اور پوری طرح سے گھر میں دل لگا لیا، اباجی تو ان کے عاشق زار تھے ، امی کو بھی ابا جی کے جذبات کا احساس تھا، بڑی فرمانبردار اور پیار کرنے والی بیوی بن گئیں ، گھر والے اب خوش تھے ، اور یہ نیا جوڑا بھی، جیٹھانیوں سے بھی سہیلیوں کی طرح گھل مل گئیں ، ساس کو ماں سمجھا۔
ہماری دادی بھی بے حد خوش تھیں ، ساری گھر داری انہوں نے بڑی بہو کے سپرد کر دی۔ خود خدا کی خوشنودی کیلئے محلے میں رفاعی کام کرنے لگیں ، غریب عورتیں سب ان کے پاس آتیں ، انہیں جو کچھ ہاتھ میں ہوتا دے دتیں ، کسی کا دوپٹہ پٹھا ہوا دیکھتیں تو اپنا دوپٹہ اس کو دے کر اس کا دوپٹہ اوڑھ کر گھر آ جاتیں ، ایک دفعہ چندہ جمع کرنے کے لوگ آئے غالباً ترکی پر کوئی آفت آ پڑی تھی، دادی نے وہیں کھڑے کھڑے اپنے سونے کے وزنی بالے اتار کر دئیے ۔وہ ایک کھلے دل والی صاف نیت اور پیار کرنے والی عورت تھیں ، چھوٹے بیٹے کی شادی کے بعد وہ پانچ بہوؤں کی ساس تھیں ، لیکن سب سے بیٹیوں کی طرح پیار کرتیں تھیں ، دادا کے بنائے ہوئے دونوں گھر اب آباد تھے ، مہریاں غریب طبقے کی عورتیں کام کرنے آتیں ، شام کو پانچوں دلہنیں نہا دھو کر کپڑے بدلتی، نائن ان کی چوٹیاں گوندھنے آتی ، مان پھولوں کے ہار بنا کر ان کے بالوں میں لگانے کیلئے لاتی، قنوج سے تایا احمد الدین ان کیلئے عطر بہاریں منگواتے تھے ۔
غرضیکہ چوبارے والے رنگپور میں سب سے امیر تھے ، اس لئے ان کے گھروں کے طور طریقے بھی دوسروں سے مختلف تھے ، سب ٹھاٹھ بھاٹھ سے رہتے تھے ، ہاں اپنے سے بڑے بھائیوں کا رعب داب چلتا تھا، تایا جی احمد الدین کرتا دھرتا ہے ، وہی سب کو ماہانہ خرچہ دیتا تھا، سب کیلئے کپڑا لاتا، جو درزنیں سیتیں ۔
ہمارے اباجی چونکہ بچپن ہی سے شوقین مزاج تھے ، اس لئے انکا جی چاہتا تھا، کہ امی کیلئے خوبصورت اور قیمتی کپڑے درزی سے سلوا کر لایا کریں ۔
ایک دفعہ انہوں نے بڑے شوق سے کشمیری پشمینے کا خوبصورت جوڑا خرید کر درزی سے سلوایا، اس کا گلا کوٹ کالر تھا، دوپٹے کے کناروں پر بھی باریک پلیٹیں ڈلوا کر فیتہ لگوایا، خوشی خوشی کپڑے لے کر گھر آئے ، تو اپنے بڑے بھائی جلال نے پوچھ لیا یہ کیا ہے ۔
بھاجی اباجی بولے عائشہ کیلئے کپڑے لایا ہوں ۔۔۔۔۔ اباجی امی کو ہمیشہ عائشہ کہہ کر پکارتے تھے ۔ادھر دکھا۔۔۔۔تایاجی نے کپڑے چھین لئے ، اور کہا عاشاں نے فرمائش کی تھی؟
اباجی بیچارے ششدر رہ گئے ، گھگھیا کر بولے نہیں بھاجی میں خود ہی اس کیلئے سلوا کر لایا ہوں ، درزی کے پاس کس کا سلا ہوا جوڑا دیکھا تھا مجھے بھی شوق آگیا۔۔۔۔۔
تایا جی نے قمیض پھیلا کر دیکھی کوٹ کالر دیکھتے ہی آگ بگولا ہو گئے یہ شریف عورتوں کے پہننے کا ہے ۔۔۔۔۔ایسے گلے پہننے کے ہیں ؟ اونچے گھر کو بدنام کرے گا تو۔۔۔۔۔
اباجی بیچارے کچھ کہنے ہی کو تھے کہ تایا جی نے دونوں ہاتھوں سے قمیض کا گریبان پکڑا اور گھیرے تک پھاڑ کر پھینک دیا، ابا جی کو بعید نہیں تھا وہ تھپڑ بھی لگا دیتے ۔۔
ان کے جانے کے بعد اباجی کپڑے سمیٹ کر کمرے میں لے آئے ، امی کو بھی دکھ ہوا لیکن بڑوں کے سامنے بولنے کی مجال نہ تھی۔وقت بے خیر و خوبی گزر رہا تھا، ان پانچوں بھائیوں کا سلوک اور اتفاق ضرب المثل تھا، لیکن اب بھائی بال بچے دار ہو گئے تھے ، کسی کے چار اور کسی کے چھ بچے ہو گئے تھے ، اخراجات بڑھ گئے تایا جی نے چاولوں کا کاروبار تقریباً بند کر دیا تھا، کاغذ سازی پہلے ہی ختم ہو چکی تھی، تایا جی جو حکمت سے لگاؤں تھا، اس لئے انہوں نے اپنی تمام تر توجہ حکمت کی طرف رکھی، شعر و شاعری سے بھی شغف تھا، ان کے مریضوں میں بھی اضافہ ہو رہا تھا، دو تین بڑے نایاب اور کامیاب نسخے انہیں مل گئے ، اس لئے ماموں کی طرح ان معالج خاص کا شہرہ بھی دور دور تک پھیل گیا، بڑے بڑے امرا ان کو عزت دیتے تھے ، تایا جی انکے معالج خاص تھے ، علاج معالجے کے سلسلے میں وہ اکثر گھر سے باہر رہتے تھے ، تایا جی ان کے معالج خاص تھے ، علاج معالجے کے سلسلے میں وہ اکثر گھر سے باہر رہتے تھے ،کبھی لاہور، بہاولپور، کبھی ملتان۔۔۔۔۔۔۔۔ آمدنی بہت تھی، لیکن پانچ خاندانوں کیلئے ناکافی نہیں تھی۔۔۔۔
ہمارے اباجی نے سیالکوٹ چھوڑ کر کسی دوسرے شہر میں قسمت آزمائی کرنے کا سوچا، وہ بزنس ہی میں اب دلچسپی رکھتے تھے ، سیالکوٹ کھیلوں کے سامان اور ٹرنک سازی کی صنعت کیلئے مشہور تھا، ابا جی کام سیکھ چکے تھے ، اس لئے انہوں نے راولپنڈی کی طرف رجوع کیا، پہلے وہاں سے آرڈر لے کر آتے اور سپلائی سیالکوٹ سے ہوتی، پنڈی انکے کام کیلے بڑا وسیلہ ثابت ہوا، اب آرڈر سیالکوٹ میں ٹرنک پیٹیاں وغیرہ تیار کروا کر سپلائی کرنے کے بجائے انہوں نے پنڈی ہی میں دکان بنا لی، کچھ عرصہ مال سیالکوٹ ہی سے منگواتے رہے ، پھر پنڈی میں فیکٹری بنا لی، کاریگر سیالکوٹ سے لے آئے اور یوں یہ کام چلنے لگا اور بہت ہی کامیابی سے چلنے لگا، ابا جی نے گھر میں یہیں لے لیا اور امی کو دو بیٹیوں سمیت پنڈی لے آئے ، پہلا گھر انہوں نے شاہاں دیا ٹالیاں کے مخالف سمت جانے والی گلی میں لیا، اب تک اباجی چار بیٹیوں کو جنم دے چکے تھے ، دو تو بہت چھوٹی فوت ہو گئیں ، دو ساتھ پنڈی آ گئیں ، بڑی کا نام رشیدہ اور دوسری کا نذیر بیگم تھا۔
اباجی کی دیکھا دیکھا وقفوں کے بعد دوسرے بھائیوں نے بھی رخت سفر باندھا، تایا جی حاکم دین فیروز پور جا بسے ، قیام پاکستان کے بعد مردان چلے آئے ۔۔۔۔۔اور وہیں وفات پائی۔۔۔
تایا جی جلال الدین پنڈی آ گئے اور اپنا کاروبار الگ سے شروع کر دیا، انہوں نے نیا محلہ میں گھر لیا، چھوٹے چچا رحمت اللہ نوشہرہ آ گئے ، یوں سارے بھائی الگ ہو گئے ، اچھے مستقبل اور بچوں کی خوشحالی کیلے یہ اقدام کئے گئے تھے ۔لیکن ہماری دادی بچوں کے دور ہو جانے سے بہت افسردہ رہنے لگیں ، بیٹوں کے پاس آتی جاتی رہتی، بیٹے بہوئیں اور پوتے پوتیاں بھی عیدوں پر سیالکوٹ اکھٹے ہوتے ، برادری میں خوشی ہوتی تب بھی آتے جاتے رہتے ، لیکن دادی کا دوسرا گھر خالی ہو گیا تھا، صرف چوبارے میں بڑے تایا جی احمد الدین کا خاندان آباد تھا، دادی وہیں رہتی تھیں ، ماں کی خدمت روپیے پیسے سے سب ہی بیٹے کرتے ، لیکن انہیں پیسے سے غرض نہ تھی، سب کچھ غریبوں میں بانٹ دیتیں ۔
اباجی کا کاروبار سب بھائیوں سے زیادہ پھیلا، انہیں آرمی کا کام بھی ملا، خوب پیسہ کمایا، اباجی اب خود مختار آزاد تھے ، اس لئے بیوی بچوں کو من مانی چیزیں لے کر دینا مشکل نہ تھا، اچھا کھلاتے اچھا پہناتے ، امی کو تو انہوں نے سونے میں پیلا کر دیا تھا، چھوٹی چھوٹی بیٹیوں کیلئے بھی زیور بنا ڈالا، امی اب بڑی بردبار خاتون تھیں ، بچپن والی شوخ اور ضدی عاشاں بڑی متحمل مزاج اور شوہر کی مزاج آشنا تھیں ، اپنے آپ کو مکمل طور پر اباجی کی پسند اور مرضی کے مطابق ڈھال چکیں تھیں ، ان کی جوڑی رشتہ داروں اور دوستوں میں قابل رشک تھی۔
اباجی 1921 میں راولپنڈی آئے تھے ، امی اور بچیاں اوائل 1922 میں آ گئی تھیں ، چار بیٹیں اوپر تلے ہوئی تھیں ، بیٹے کی خواہش ضرور تھی، اس لئے جب امی امید سے ہوئیں تو دونوں کو پھر سے امید لگ لگ گئی، کہ اس دفعہ ضرور بیٹا پیدا ہو گا۔۔۔۔۔ دادی نے تو جگہ جگہ منتیں مانیں ، دعائیں کیں ، اور کروائیں ، نانی نانا نے بھی بیٹے کیلئے اللہ کے آگے دامن پھیلایا امی خود مزاجی کی اتنی اچھی تھیں کہ ہر ملنے والی نے ان کیلئے دعا کی۔
اباجی تو کچھ زیادہ ہی پر امید تھے اس لئے امی سے جب بھی اس سلسلے میں بات کرتے کہتے عائشہ دیکھنا میرا بیٹا ہو گا تو میں سیالکوٹ جا کر برادری میں کس طرح جشن مناتا ہوں ، میری شادی پر بھاجی نے بہت آتش بازی چھوڑی تھی میں بیٹے کی خوشی میں اس سے بڑھ کر آتش بازی چھوڑوں گا، شاندار عقیقہ کروں گا۔
سیالکوٹ بے بے جی کے پاس جتنی غریب عورتیں آتی ہیں ، سب کو جوڑے بنوا کر دوں گا۔
مٹھائی تو منوں کے حساب سے بانٹوں گا۔
بھائی گل محمد مرحوم کی بیٹی فاطمہ تو ہماری بہن ہے ، اسے بھی سونے کا زیور پہناؤں گا۔اباجی اتنے جوش اور ولولے سے پروگرام بناتے کہ امی بظاہر تو خوش ہوتی انکے ہاں میں ہاں ملاتیں ، برملا رائے سے اختلاف کرنا تو انہیں آتا ہی نہیں تھا۔
ہاں
دل میں ڈرتی رہتیں کہ کہیں پھر لڑکی ہو گئی تو ان کی امیدوں کے محل دھڑام سے گر جائیں گے ، کتنا صدمہ پہنچے گا، کہیں یہ صدمہ بیوی سے ناراضگی ہی کا موجب نہ بن جائے ، بچاری امی کچھ بھی نہ کر پاتی، کیا کریں ، ابا جی کو اتنی روشن امیدوں کا سہارا لینے سے کیسے روکیں ۔
19 مئی 1924 کا دن طلوع ہوا موسم گرما شروع تھا، لیکن پنڈی کا موسم ان دنوں میں زیادہ گرم نہیں ہوتا تھا، اس دن خلاف توقع موسم بہت ہی خوشگوار تھا، بادل چھائے ہوئے تھے اور ہوا بھی چل رہی تھی، امی درد زہ میں مبتلا تھیں ، دایہ جو مینہ بھر پہلے امی کو دہانے کیلئے آیا کرتی تھی، انکے پاس تھی، اسے بھی امید تھی کہ بیٹا ہوا تو جھولی بھر جائے گی، انعام سے نوازی جاؤں گی، اس لئے دعائیں بھی کر رہی تھی۔
امی کی تکلیف کچھ زیادہ بڑھی تو اباجی ایک ہندو ڈاکٹر چٹھا کی بیوی کو لے آئے وہ بھی ڈاکٹر تھی لیکن چند ہی گھروں میں آئی تھی۔
اس کے آنے کے گھنٹہ بھر میں ابا جی جو صحن میں بے تابانہ ٹہل رہے تھے ، بچے کے رونے کی آواز آئی دل اچھل کر حلق میں آگیا، بے تابی اور بڑھ گئی دایہ کے باہر آنے کا انتظار تھا۔
کچھ ہی دیر بعد دایہ باہر آئی۔
اباجی نے اس کی طرف دیکھا۔
اس کے بجھے منہ سے اندازہ ہو گیا پھر بیٹی آئی ہے ، چند لمحے تو انہیں چھٹکا لگا۔
لیکن
جلد ہی سنبھل گئے اور دایہ سے پوچھا لڑکی ہوئی ہے ۔
جی وہ مردار سے لہجے میں بولی تو اباجی خوشدلی سے مسکرا کر بولے بیٹی میری ہوئی ہے ، غم تجھے کس بات کاہے ، فکر نہ کر میں تمہیں اس طرح خوش کروں گا جس طرح بیٹے کی صورت کرتا۔
وہ حیران ہو کر اباجی کی طرف دیکھنے لگی۔
اباجی نے پھر پوچھا عائشہ تو ٹھیک ہے نا؟
جی زچہ بچہ دونوں ٹھیک ہیں ۔
اباجی نے دانو ہاتھ جوڑ کر اٹھائے اور آسمان کی طرف دیکھا، وہ زچہ و بچہ کی سلامتی اور صحت یابی پر اللہ کا شکر اسی انداز میں کیا کرتے تھے ۔
بچی بڑی صحت مند اور گول گول سی تھی۔۔۔۔۔۔اس کا نام اباجی نے اس وقت رضیہ بیگم رکھ دیا۔
یہ میں تھی۔
بیٹے کی آس میں بیٹھے امی ابا کو یقیناً میری پیدائش پر مایوسی ہوئی ہو گی، لیکن وہ ہمیشہ یہ ہی کہتے تھے ایسا قطعاً نہیں ہوا تھا، چند لمحے دھچکا ضرور لگا لیکن نو زائیدہ بچی ان کیلے عطیہ خداوندی ہے ، دونوں خوش تھے ، کہ بچی موٹی تازی سنہری رنگت اور سیاہ بالوں والی بہت پیاری ہے ، اس وقت میری بڑی بہن سات سال کی تھیں ، اور چھوٹی چار سال کی، گھر میں چھوٹا بچہ ان کیلئے کھلونا تھا۔
امی کہا کرتی تھیں ، میں نے انہیں عام بچوں کی طرح تنگ نہیں کیا، صرف بھوک لگتی تھی تو تھوڑا سا روتی تھی، چار پانچ ماہ کی تھی تو ہنسنا شروع کر دیا تھا، بہنیں گد گدی کرتیں تو قہقہے بھی لگایا کرتی۔۔۔۔۔۔گیارہ ماہ کی عمر میں چلنا شروع کر دیا تھا۔
لیکن میں ہنسنے رونے اور چلنے تو لگی تھی،۔۔۔۔۔پر باتیں نہیں کرتی تھی۔۔۔۔۔ماما بابا وغیرہ بھی نہیں کہتی تھی۔
سب سمجھنے لگے کہ بچی گونگی ہے ، تب تو ماں باپ کو بہت فکر ہوئی، اباجی مجھے ڈاکٹر کے پاس لے گئے ،اس نے تسلی دی کہ زبان وغیرہ ٹھیک ٹھاک ہے خود ہی بولنا شروع کر دے گی۔
جب میں ایک سال کی ہو کر بھی کوئی لفظ بولنے سے معذور ہی تو والدین بجا طور پر فکر مند ہوئے ، ان دنوں راولپنڈی میں حکیم عبدالخالق بڑے مانے ہوئے طبیب تھے ، ابا جی کی ان سے دوستی تھی، وہ مجھے حکیم صاحب کے پاس لے گئے ۔۔۔۔۔اباجی نے ان سے کیا حکیم صاحب بچی ایک سال کی ہو گئی ہے ، ابھی تک کچھ نہیں بولتی ہے ۔حکیم صاحب پہلے تو مسکرائے اور بولے کوئی بات نہیں ہے نیاز صاحب، صرف ایک ہی کی تو ہوئی ہے ، بولنے لگے گی، اس کے ساتھ سب خوب باتیں کیا کریں ، سیکھ جائے گی۔
وہ تو کرتے ہیں ۔۔۔۔بڑی بچیاں تو ہر وقت اسی سے سر کھپاتی رہتی ہیں ، ہم دونوں بھی اس سے باتیں کرتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔پر پتا نہیں کیوں ماما یا بابا بھی نہیں کہتی، مجھے تو ڈر ہے کہیں گونگی تو نہیں ۔
سن سکتی ہے ؟ حکیم صاحب نے پوچھا۔
ہاں جی۔۔۔۔۔۔آوازیں تو قریب آ جاتی ہیں ، کسی بات سے منع کریں تو وہ بھی سمجھ لیتی ہے ، اپنا نام پہچانتی ہے ۔
میرا نام رکھا تو رضیہ گیا تھا، لیکن پکارا اجیہ جاتا تھا، چنانچہ اباجی نے جب حکیم صاحب نے مجھے اٹھایا ہوا تھا کہا آئی جیہ میرے پاس۔
تو میں اباجی کے آواز پان کی طرف دیکھا اور ہاتھ پھیلا دئیے ۔
حکیم صاحب بولے اس کی وقت سماعت بالکل ٹھیک ہے ۔
پھر انہوں نے میری زبان دیکھی، زبان کے نیچے کوئی تندا نہیں تھا، وہ مطمئن ہو کر بولے سب ٹھیک ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔اسے بادام کھلایا کرو زبان چل پڑے گی۔ ویسے فکر کی کوئی بات نہیں ابھی سال بھر کی تو ہوئی ہے ، کئی بچے دیر سے بولتے ہیں ۔۔۔۔۔آپ پریشان نہ ہوں ۔
پھر حکیم صاحب نے بادام کھلانے کی ترکیب بتائی۔
اباجی مجھے گھر واپس لے کر گئے تو ساتھ باداموں کے لفافے بھی تھے ، جو میں نے کم اور میری بہنوں نے زیادہ کھائے ، بہر حال حکیم صاحب کی ہدایت کے مطابق روز بادام کوٹ کر ان میں چینی ملا کر مجھے کھلانے لگیں ۔
پتا نہیں باداموں کا اثر تھا یا ویسے ہی سوا سال کی ہو گئی تھی، اب میں نے چھوٹے چھوٹے لفظ بولنا شروع کر دئیے ۔۔۔۔۔سب سے ماما ماما کہنا شروع کیا، پھر بابا تاتا وغیرہ ۔۔۔۔۔۔دو برس کی تھی جب میں نے صاف اور پورے جملے بولنا شروع کر دئیے ، ابا جی اور امی کو تسلی ہو گئی کہ بیٹی گونگی نہیں ہے ۔پھر جو جیہ صاحبہ نے بولنا شروع کیا تو بولتی ہی چلی گئیں ، اتنی باتیں کرتیں کہ سننے والے تنگ آ جاتے ، امی تو ہاتھ جوڑ کر کہا کرتیں اب چپ ہو جاؤ۔۔۔۔۔۔۔ میں نے تمہیں بچپن میں ناحق اتنے بادام کھلائے ۔
امی کی یہ باتیں مجھے اب بھی یاد ہیں ۔
ایک بات اور جو امی بتایا کرتی تھیں وہ یہ تھی کہ میں ہر وقت کاکاکاکا کرتی رہتی تھی کاکا کا کا پنجابی میں لڑکے کو کہا جاتا ہے ، کا کا کہنے کی عادت اتنی بڑھ گئی کہ جو چیز سامنے ہوتی اسے کہتی کاکاکاکا۔۔۔۔۔۔
امی شاید ان دنوں امید سے ہو گی، اس لئے میرے کاکا کہنے سے یہ توقع کی جانے لگی کہ اس ضرور بیٹا ہو گا، میری دادی ان دنوں پنڈی آئی ہوئیں تھیں ، جب میں یہ کاکاکاکا کرتی ہوں تو وہ مجھے گود میں اٹھا لیتیں اور بڑے لاڈ سے کہتیں اللہ تیری زبان مبارک کرے ۔
پھر کہتیں ، موٹو، کاکا نہ ہوا نا تو دیکھنا میں تمہارا کیا حشر کرتی ہوں ۔
خوش قسمتی کہے کہ دفعہ نیاز فیملی میں بیٹے ہی کا اضافہ ہوا، میں دو سال کی تھی جب میرا یہ بھائی پیدا ہوا۔۔۔۔۔۔بچے کی پیدائش پر تو خوشیاں منائی گئیں ، منائی جانا ہی تھیں ، ہاں میرا مقام بہت اونچا ہو گیا، گھر والے کیا اور خاندان والے کیا سب ہی کے پیارے میں بہت اضافہ ہو گیا۔
نانی بھی سیالکوٹ سے اس موقع پر آئی تھیں ، وہ تو مجھے کرماں والی ہی پکارتی تھیں ، ان کی دیکھا دیکھی دوسرے بھئی مجھے قسمت والی کہتے تھے ، نومولود کے ساتھ ساتھ میرے بھی لاڈ اٹھائے جانے لگے ۔
بچے کا نام عبدالواحد رکھا گیا۔
مجھے اس کی پیدائش اور بچپن کے متعلق تو کچھ یاد نہیں ، ہاں اک ڈراؤنی سی را کے چند لمحات میری یادوں میں نقش ضرور ہیں ۔
میں ان دنوں شاید امی ابو کے کمرے میں سوتی تھی، رات کا جانے کون سا پہر تھا، میری آنکھ کھل گئی، کمرے کے ایک کونے میں لیمپ روشن تھا، جس کی روشنی دھیمی تھی، اباجی کے چوبی منقش تکیوں والے پلنگ پر ایک طرف امی بیٹھیں تھیں ، قریب ہی اباجی ۔۔۔۔۔۔۔ان کے ہاتھوں پر واحد تھا، جسے کبھی اباجی چومتے اور سینے سے لگا لیتے اور کبھی امی کی گود میں ڈال دیتے پھر پیار کرتے ، وہ دونوں رو رہے تھے ۔۔۔۔۔۔ان کی ہچکیوں اور سسکیوں سے شاید میری آنکھ کھل تھی، واحد مرگیا تھا۔۔
پانچ بیٹیوں کے بعد گود میں آنے والا پیارا بیٹا سوا سال کی عمر میں ہی ان سے جدا ہو گیا تھا، اب سوچتی ہو کہ ان پر کیا بیتی ہو گی۔۔۔۔۔۔مجھے اس سانحے کے صرف وہی چند لمحات یاد ہیں ، اور کچھ پتا نہیں ، سنا ہے سیالکوٹ سے ننھیال کے پورے خاندان آئے تے ۔۔۔۔۔۔۔۔اسے دفنانے کیلئے لے جاتے وقت اتنا رونا دھونا تھا کہ در و دیوار لرز اٹھے تھے ۔۔۔۔۔بہر حال مجھے یہ سب یاد نہیں ۔۔۔
چھوٹے چھوٹے کئی واقعات ذہن کی سطح پر روشن ہو جاتے ہیں ، دل تو چاہتا ہے ، کہ ہر واقع کو قلمبند کر لو۔۔۔۔۔لیکن ایسا ممکن نہیں ، ہاں کوئی باتیں مجھے بھی دلچسپ لگتی ہیں ، وہ بیان کر کے اچھا لگتا ہے ۔
ایک واقعہ جو مجھے اب بھی یاد آتا ہے ، وہ غالباً میری یادوں کے سلسلے کی پہلی کڑی ہے ، تب میں بہت ہی چھوٹی تھی۔
گھر کی ڈیوڑھی سے صحن میں آنے کیلئے دیوار کے ساتھ ساتھ چلتی ایک چھوٹی سی نالی جو بمشکل تین یا چار انچ کی ہو گی پار کرنا ہوتی تھی، اس سے غسلخانے کا پانی باہر جاتا تھا، میں ڈیوڑھی کی دہلیز پر کھڑی تھی، صحن میں آنا چاہتی تھی، لیکن نالی پار نہ کر سکتی تھی، ڈر کے مارے رو رہی تھی، دونوں ہاتھ پھیلائے رکھے تھے ، اور بے ہڈی بے ہڈی پکار رہی تھی غالباً صحن میں دادی ماں ہو گی، ہم لوگ دادی ماں کو بے وڈی یعنی بڑی ماں کہا کرتے تھے ، میں بے وڈی نہ کہہ سکتی ہونگی اس لئے بے ہڈی کہہ جا رہی تھی۔
نالی میں گرنے کے خوف کا احساس میرے شعور میں ا بھی زندہ ہے ، لگتا تھا، یہ چا انچ کی نالی نہیں جو گہری بھی نہ تھی۔۔۔۔۔۔دریا ہے جسے پار کرنا ناممکن ہے ۔
پتا نہیں مجھے وہاں سے کس نے اٹھایا، دادی نے یا امی نے ۔۔۔۔۔۔ اپان ڈرنا رونا اور بازو پھیلا کر بے بڈی پکارنا یاد ہے ۔
ایک اور واقعہ بھی غالباً اسی عمر کا ہے یا شاید چند ماہ اور بڑی ہونگی۔۔۔۔۔ میرے ہاتھوں میں گندھا ہوا آٹا تھا۔
اس کی روٹی بنا رہی تھی۔۔۔۔۔میں برآمدے کے ستون کے ساتھ کھڑی تھی اور میرے تایا جی کے بیٹے جو ان دنوں پنڈی آئے ہوئے تھے ۔کرسی پر قریب ہی بیٹھے تھے ، مجھے بار بار منع کر رہے تھے ، لیکن میں آٹے کی روٹ نما چیز بنا کر اس کے ایک طرف تھوک لگاتی اور ستون سے چپکانے کی کوشش کرتی،میں ان کے منع کرنے سے باز نہ آئی تو انہوں نے ہلکے سے مجھے تھپڑ مارا اور آٹا چھین لیا۔۔۔۔۔یہ یقیناً زندگی کا پہلا تھپڑ تھا۔
بچپن میں ایک دفعہ میں مر بھی گئی تھی۔۔۔۔
جی ہاں
بالکل مر گئی تھی
تب شاید میں ڈیڑھ سال کی تھی۔۔۔۔۔۔کچھ بیماری رہی ہونگی۔۔۔۔۔۔۔۔اباجی مجھے حکیم عبدالخالق کے پاس لے گئے ، انہوں نے مجھے دیکھتے ہی کہا نیاز صاحب اسے جلدی گھر لے جائیں یہ ختم ہو گئی ہے ۔
اباجی گھبرائے ۔۔۔۔۔۔۔تانگے میں بیٹھے مجھے گود میں لٹا دیا اور گھر میں لے آئے ، میری بہنوں اور امی نے رونا دھونا شروع کر دیا، صحن میں چارپائی پر سفید چادر ڈال کر مجھے لٹا دیا گیا، رونے دھونے کی آوازیں سن ک گلی محلے کے لوگ بھاگے آئے ۔۔۔۔۔۔۔لوگوں سے صحن بھر گیا، سیالکوٹ بذریعہ تار میرے مرنے کی اطلاعیں دی گئیں ۔۔۔۔۔ مرد باہر بیٹھک میں جمع ہونے لگے ۔
اچانک ہی کسی عورت نے دیکھا کہ میں پاؤ ہلا رہی ہوں ۔
بہن جی وہ عورت گھبرا کر چیخی بچی پاؤں ہلا رہی ہے ۔
کئی عورتیں مجھ پر جھک گئیں ، میرا پاؤں واقعی ہل رہا تھا۔
یہ زندہ ہے ۔ دودھ لاؤ اسکے منہ میں ڈالیں ۔۔۔۔۔کسی عورت نے عجلت میں پکار کر کہا۔۔۔۔
کوئی دودھ کی پیالی اور چمچ لے آئے ، ایک عورت نے چمچ سے میرے منہ میں دودھ ڈالا، جو میرے حلق سے اتر گیا، پھر دوسرا اور تیسرا چمچ بھی میرے اندر اتر گیا۔۔۔۔ شور مچ گیا، تھوڑی ہی دیر میں نے آنکھیں کھولیں اور کروٹ بل ہو کر اٹھنے کی کوشش کرنے لگی سب کی حیرت اور خوشی دیدنی تھی۔
میں زندہ تھی،۔۔۔۔۔لوگ اس واقعہ سے بڑے متاثر تھے ، غالباً میں ڈیپ کومے میں چلی گئی تھی۔
دوسرے دن سیالکوٹ سے دادی نانی اور کچھ رشتہ دار آئے تو میں صحن کھیل رہی تھی، کوئی میرے مرنے اور جی اٹھنے پر اعتبار نہ کر رہا تھا۔دادی نانی تو یہی سمجھ رہی تھی کہ انہیں بلانے کیلئے بہانا تراشا گیا ہے ۔ لیکن جب محلے والوں کی زبانی بھی انہوں نے روئداد سنی تو قدرت کے کاموں پر حیران اور شکر گزار ہوئیں ۔
یہ واقعہ مجھے تو یاد نہیں مگر امی ابو اکثر سنایا کرتے تھے ۔
اس کے بعد میرے لاڈ اور لار میں اور اضافہ ہو گیا اور پھر جب واحد کے مرنے کے سات ماہ بعد اللہ نے امی ابو کو پھر بیٹے سے نوازا تو ظاہر ہے سب کو بے اندازہ خوشی ہوئی ہاں میرے لاڈ کچھ زیادہ ہی تھے کہ میرے بعد دو بیٹے اوپر تلے پیدا ہوئے ۔
اس بیٹے کا نام بھی عبدالواحد ہی رکھا گیا، پتا نہیں یہ نام ان کو پسند کیوں تھا یا مرحوم بیٹے کی یاد تازہ رکھنا چاہتے تھے ، بہر حال نام عبدالواحد ہی قرار پایا، اب واحد کے معاملے میں امی بڑی محتاط ہو گئیں ، اس کا صدقہ ہر ماہ باقاعدگی سے دیتی، اس کے نام پر خیرات بھی بانٹی جاتی، یہ سلسلہ اس کے بڑے ہونے تک جاری رہا، میرے یہ بھائی ماشا اللہ حیات ہیں ، ان کے لاڈ اور چونچلے بہت ہوئے ، جب پاؤں چلنا سیکھا تو محلے میں مٹھائی بٹی، سیڑھیاں چڑھنا سیکھا تب مٹھائی بانٹی گئی، بڑی بڑی پراتوں میں بھری مٹھائی پڑی مجھے یاد ہے ، بولنا شروع کیا تو پھر محلے میں ڈھیروں مٹھائی بٹی، صدقہ تو امی ہر مہینے باقاعدگی سے کرتی تھیں ، واحد مجھ سے چار سال چھوٹے تھے ۔
ابا جی کو بچوں کو تعلیم دلانے کا بہت شوق تھا، اپنی محرومی وہ بچوں کو پڑھا لکھا کر دور کرنا چاہتے تھے ، لڑکی لڑکے کی تشخیص کا انہوں نے کبھی سوچا بھی نہ تھا، ان دنوں لڑکیوں کی تعلیم پر بہت کم لوگ توجہ دیتے تھے ، لیکن اباجی نے میری دونوں بڑی بہنوں کو مشن اسکول میں داخل کرایا، جب تک ہمارے خاندان کی کوئی لڑکی زیور تعلیم سے آراستہ نہ ہوا تھا، تین چار جماعتوں سے آگے کوئی پڑھ نہ پائی تھی۔
ابا جی نے بڑے شوق سے بچیوں کو اچھے اسکول میں داخل کرا دیا، تب مشن اسکول ہی اچھے ہوتے تھے ، یہاں اسٹاف کرسچن ہوتا تھا، مغربی تہذیب کا اثر اب ہندوستانی لوگوں خاص طور پر عیسائیوں نے بھر پور طور پر لینا شروع کر دیا تھا، اس اسکو کی پرنسپل مس کلی تھیں ، مجھے ان کا تھوڑا حلیہ یاد ہے ، وہ گہرے سانولے رنگ کی دبلی پتلی خاتون تھیں ۔بال کٹے ہوئے تھے اور فراک پہنتی تھیں ، ایک ٹیچر مس کرسٹوفر تھیں ، یہ گوری چٹی موٹی تازی عورت تھیں ، بالوں کا جوڑا بناتی اور ساڑھی پہنتی تھی، اسی اسکول میں میں نے بھی تیسری جماعت تک پڑھا تھا، اس لئے ان کے متعلق ذہن میں کئی یادیں محفوظ ہیں ۔
جب بہنیں اسکو جاتیں اور امی گھر داری کے کاموں لگ جاتیں ، میرا کام محلے کے ہم عمر بچوں سے کھیلنا کودنا ہوتا تھا، ہمارے گھر مے سامنے ایک ڈپٹی صاحب رہتے تھے ، ان کا نام یاد نہیں ، ان کے دو بیٹے میرے اچھے دوست تھے ، مجھ سے کچھ ہی چھوٹے بڑے ہوں گے ، ہم تینوں بہت کھیلا کرتے تھے ، وہ ہمارے گھر آ جاتے میں ان کا کے گھر چلی جاتی، محلے کے اور گھروں میں بھی ہمارا آنا جانا تھا، لیکن اور کسی کا مجھے کچھ یاد نہیں ، یہ دونوں بچے سفید کرتے اور سیدھے سفید پاجامے اکثر پہنتے تھے ، ہم تینوں مل کر شرارتیں بھی بہت کرتے تھے ، ایک مخصوص اور پسندیدہ شرارت یہ تھی کہ جہاں بھی کوئی اکیلا بچہ ملتا ہم اسے مار کر دوڑ جاتے تھے ، پتا نہیں کیوں اس طرح بچوں کو مارنے اور چٹکیاں کاٹنے میں اتنا مزہ ملتا تھا، یہ تخریب پسند طبعیت میں زیادہ دیر تو نہ رہی، لیکن سال دو سال تو ضرور اس طرح گزرے ہوں گے ، کئی بار بچوں کی مائیں شکایتیں لے کر بھی ہمارے ہاں آئیں ۔
میں اسکول کب داخل ہوئی یہ یاد نہیں ، ہاں مشن اسکول کی عمارت کا پورا نقشہ اب بھی ذہن میں موجود ہے ۔۔۔۔۔ کافی بڑا صاف ستھرا اور اچھے فرنیچر والا اسکول تھا، تب پلے گروپ اور نرسری وغیرہ نہیں ہوتے تھے ، کچی پکی اور پہلی جماعت شروع ہوتی تھی۔
ان جماعتوں کے بارے میں کچھ واضح طور پر یاد نہیں ، ہاں زندگی کی پہلی نقل مارنے کا واقع مجھے اچھی طرح یاد ہے ، میں غالباً کچی یا پکی جماعت میں ہونگی، ہمارا امتحان تھا، کمرے میں بچے قطار در قطار بیٹھے تھے ، پتا نہیں ، دری پر بیٹھے تھے ، یا چھوٹے چھوٹے اسٹولوں پر، امتحان حساب کا تھا مس نے کیا کیا ہندسے لکھوائے وہ بھی یاد نہیں ، غالباً ایک ہندسہ دس ضرور لکھایا تھا، میں نے اپنی سلیٹ پر 10 لکھا، پھر اپنے آگے والی قطار میں بیٹھے ایک لڑکے کی سلیٹ پر نظر پڑی، اس نے دس الٹا یعنی 01 اس طرح لکھا تھا، میں نے فٹا فٹ نقل ماری اپنا دس کا زیرو مٹا کر اور اس لڑکے کی طرح الٹا ڈال دیا، یعنی ٹھیک کو غلط کر دیا۔۔۔۔۔۔یقیناً نمبر کٹے ہوں گے ، مجھے اس نقل کا بڑے عرصے تک افسوس رہا، لیکن بات ضرور ہوئی کہ آئندہ نقل مارنے کا کبھی خیال بھی ذہن میں نہیں آیا۔ہم تینوں بہنیں اب باقاعدگی سے اسکول جاتی تھیں ، اسی اثنا میں ہم نے گھر تبدیل کر لیا، یہ گھر نیا محلہ میں لیا، شیاد اس محلے کا نام اب کچھ اور ہو، ہم نے گھر 1930 میں یہاں لیا تھا، یہ گھر آریا سماج جو ہندوؤں کی بہت بڑی عبادت گاہ بھی تھی اور شادی بیاہ بھی یہاں ہوتا تھا، اس کی ملحقہ دیوار کے ساتھ ہمارا بہت بہت گھر تھا، یہاں سے فیکٹری اور دکان دونوں نزدیک پڑتے تھے ۔
اس گھر کے تین پورشن بنا لئے گئے ، ایک حصے میں فیکٹری والا مال بھرا رہتا، سٹی کی شیٹیں تہہ دار پڑی ہوتی، ان پر چڑھ کر کھیلنا بچوں کا محبوب مشغلہ تھا۔
دوسرے حصے میں سیالکوٹ سے آنے والے کاریگر رہے تھے ، بعض کاریگر اپنے بال بچے بھی ساتھ لے آئے تھے ، ایک ایک کمرہ ان کیلئے مخصوص تھا۔
اوپر کے حصے میں ہم لوگ رہائش پذیر تھے ، جسے امی اباجی نے وقت اور ضرورت کے مطابق سجا بنا رکھا تھا، کاریگروں کی بیویاں امی کے کام بھی کرتی تھیں ، ان کے بچے ہمارے ساتھ کھیلتے تھے ، ہمیں والدین کا آرڈر تھا، کہ کاریگروں کو چاچا جی کہا کریں اور ان کی بیویوں کو ماسی جی، حالانکہ یہ لوگ اباجی کے ملازم تھے ، لیکن ان کے ساتھ ملازموں کا سا سلوک کرنے کی کسی کو اجازت نہیں تھی۔
جب اہم اس محلے میں آباد ہوئے تو سیالکوٹ سے تایا جی جلال الدین بھی مع اہل و عیال پنڈی آ گئے ، گھر قریبی گلی میں لے لیا، اور اپنا کام شروع کر دیا، تایا جی کو یہاں آتے ہی اباجی کی جس بات پر اعتراض ہوا وہ بیٹیوں کی پڑھائی تھی۔۔۔۔۔
ہر وقت یہی کہتے ہم نے لڑکیوں سے کونسی نوکری کروانی ہے ، پڑھانے کا کیا فائدہ؟
بھاجی۔۔۔۔۔۔اباجی انہیں سمجھانے کی کوشش کرتے ، تعلیم سب کیلے ضروری ہے ، لڑکی ہو یا لڑکا۔
تو بے وقوف ہے ، لڑکے پڑھ لکھ کر اچھی نوکریوں پر لگ جاتے ہیں ۔
تایاجی کے تب چار بیٹے ہی تھے ، انہیں تایا جی نے پنڈی آتے ہی اسکولوں میں داخل کروا دیا، لیکن لڑکیوں کی تعلیم کے سخت مخالف تھے ۔اباجی ان کی سنی ان سنی کر دیتے ، وہ تو چاہتے تھے کہ ہم تینوں بہنوں کو اسکول سے اٹھا کر گھر بھٹا کر صرف دینی تعلیم دی جائے ۔
بر دوسرے تیسرے دن جب وہ ہمارے گھر آتے یا ہم ان کے گھر جاتے یہ بحث ضرور ہوتی، انہی دنوں بڑی آپا چھٹی جماعت میں ہو گئیں ، چھوٹی آپا پانچویں جماعت میں ۔۔۔۔ میں پہلی جماعت میں ۔
بڑی آپا نے نئی کلاس کی کتابیں کاپیاں لی تھیں ، وہ بڑے شوق سے اپنی کتابوں کاپیوں پر خاکی کاغذ کے کور چڑھ رہی تھی۔۔۔۔۔۔صحن میں ایک طرف لکڑی کا تخت پڑا رہتا تھا، آپا اس پر بیٹھی تھی۔
کہیں سے تایا جی ادھر آ نکلے ۔۔۔۔۔آپا سے پوچھا یہ کیا کر رہی ہو؟
تایاجی میں چھٹی جماعت گئی ہوں ، نئی کتابیں خریدی ہیں ، آپا نے خوشی سے کہا۔
تایا جی غصے سے بولے میں نے منع نہیں کیا تھا۔۔۔۔۔۔پانچویں تک تعلیم کافی ہے ، چھٹی میں جانے کی کوئی ضرورت نہیں ۔
تایاجی۔۔۔۔۔میں نے آگے بھی پڑھنا ہے ، آپا بیچاری ان کے غصے سے ڈر کر سہمی ہوئی آواز میں بولیں ۔
آگے ؟ آگے پڑھنا ہے ؟ تایا جی کو ان کے جواب سے تاؤ آگیا، آگے بڑھے اور آپا کے ہاتھ سے کتابیں پکڑ کر چیر پھاڑ ڈالی۔
تایاجی آپا رونے لگیں ۔
تایا جی نے غصے میں آ کر ساری کتابیں کاپیاں پھاڑ کر صحن میں بکھیر دیں ۔
کسی وقت گھر آتا ہے نیاز؟ وہ کرسی پر بیٹھتے ہوئے پھنکارے ۔
امی جو کمرے کے دروازے میں خاموش کھڑی یہ تماشا دیکھ رہی تھیں ، آہستگی سے بولیں ، کھانا گھر آ کر کھاتے ہیں ۔
آلے آج وہ غرائے ۔
جب اباجی گھر کھانا کھانے آئے تو صحن میں کاغذ ہی بکھرے دیکھ کر آپا کھ طرف دیکھا جو منہ چھپائے رو رہی تھیں ۔
یہ یہ کیا ہے ؟ اباجی نے پوچھا۔تو تایا جی بولے یہ بکھری پڑی ہے ۔
بھاجی اباجی حیران ہو کر انہیں دیکھنے لگے ، تایا جی غصے میں سیڑھیوں سے پاؤں پٹہختے ہوئے نیچے اتر گئے ۔
ابا جی تخت پر آپا کے پاس بیٹھ گئے ، محبت سے انہیں ساتھ لگا کر پوچھا کیا ہوا تھا۔۔۔۔۔۔
پھر آپا ہچکیوں سے روتے ہوئے بولیں تایا جی کہتے ہیں ۔۔۔۔۔۔پانچویں تک پڑھ لیا، بس ۔۔۔۔۔اس سے آگے نہیں پڑھنا۔۔
پھر امی نے بھی اباجی کو ساری بات سنائی۔۔۔۔۔تو وہ پریشان ہو گئے ۔
لیکن پھر اک عزم کے ساتھ سر جھٹک کر بولے ۔۔۔۔۔ میری بیٹی ضرور پڑھے گی۔۔۔۔۔میں تمہیں کتابیں اور کاپیاں لادوں گا اور بھاجی کو بھی سمجھا لوں گا۔۔۔
بھاجی سمجھے یا نہیں ۔۔۔۔۔۔۔ اباجی نے آپا کو کتابیں اور کاپیاں دوبارہ لادیں ، تسلی دی کہ جب تک میں ہوں تمہیں پڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
اباجی نے بھائی کی خفگی مول لے لی، لیکن اپنی بچیوں کا سلسلۂ تعلیم منقطع نہیں کیا تایا جی ہم سے کافی عرصے خفا رہے ، گو گھروں میں آنا جانا تھا۔ بچے آپس میں ملتے جلتے تھے ، تائی جی بھی خفا نہ تھیں اور معاملوں میں تایا جی بھی ٹھیک ٹھاک تھے صرف ناراضگی آپا کے داخلے سے تھی۔
وقت سب کچھ اپنی لپیٹ میں لے کر چلتا ہے ۔
ان دنوں ہندو مسلم سکھ عیسائی آپس میں رشتے داروں کی طرح رہا کرتے تھے ، ایک ہی محلے میں ساتھ ساتھ گھروں میں بستے تھے ، ان کا ایک دوسرے کے گھروں میں آنا جانا تھا، سب ایک دوسرے کی خوشی میں غمی میں شریک ہوتے تھے ، دو بستیاں مضبوط تھیں ، ہاں ہندوؤں کی پچھلی نسل یعنی بڑے بوڑھے مسلمانوں کے ساتھ اٹھنے بیٹھنے اور کھانے پینے کے قائل نہ تھے ۔مجھے یاد ہے کہ ہمارے گھر کے ساتھ جو ہندوؤں کا بہت بڑا گھر تھا وہاں ہم ان کے بچوں سے کھیلنے جایا کرتے تھے ، وہ بچے کبھی ہمارے ہاں آتے ہم پہروں اکھٹے کھیلتے تھے ۔
لیکن
ان کے گھر میں جو بوڑھی عورتیں تھیں وہ اسے پسند نہ کرتیں ، ہم میں سے کوئی بچہ اگر ان کے برتنوں کو ہاتھ لگا دیتا تو وہ سخت برہم ہوتیں ، کہ برتن بھٹ گیا یعنی ناپاک ہو گیا، وہ اپنا آپ بھی سمیٹے رہتیں ، کسی مسلمان سے چھو جاتیں تو فورا اشنان کرتیں کہ بھرشٹ گئیں ۔
یہ لوگ سبزی اور دالیں کھاتے تھے ، ماس گوشت کا نام بھی نہیں سن سکتے تھے ، پھر بھی سب لوگوں کی بن آتی تھی، اختلافات تھے لیکن انہیں ہوا نہ دی جاتی تھی ہاں بقر عید کے موقع پر کسی کسی شہر میں تب بھی فسادات ہو جاتے تھے ، مسلمان گائے بھینس ذبح کرتے تھے یہ ہندوؤں کی ماتا تھیں اس لئے عید پر ہندوستان کے کسی نہ کسی شہر میں ضرور ہنگامہ ہوا کرتا تھا، لیکن یہ ہنگامہ جہاں ہوتا وہاں سرد پڑ جاتا، سارے ملک میں اس کی لہر نہ آتی تھی۔
ہماری امی کی کئی ہندو دوستی تھیں ،اباجی کا بھی ہندوؤں سے ملنا جلنا تھا، ہاں میری بہنوں کی بھی ہندو سکھ سہیلیاں تھیں ، پاکستان کے معرض وجود میں آنے تک یہ دوستیاں قائم رہی تھیں ، مسلمانوں اور ہندوؤں کے اسکول الگ الگ نہیں تھے ، سوائے دینی مدرسوں اور آریا سماج جیسے اداروں کے ۔
ہم اس وقت بچے تھے ، مذہبی اختلافات کیا ہوتے ہیں ، اس کا پتہ نہ تھا، ہاں میری مرغوب شرارت یہ تھی، کہ کسی بوڑھی ہندو عورت کے برتنوں کو جان بوجھ کر چھو دیتی تھی، کبھی اس بڑی ماتا جی کی ململ کی دھوتیوں کو ہاتھ لگا دیتی، تا دیر سوکھنے کیلئے ڈالے ہوئے کپڑوں میں چھپ کر انہیں اپنے گرد لپیٹ لیتی، تب بڑھیا مائی جتنی ہائے وائے کرتی، کوسنے دیتی مارنے کو ہاتھ اٹھاتی تو مجھے اور میری ساتھی مسلمان بچیوں کو بہت مزہ آتا تھا، ہماری ان شرارتوں کی بھی ہمارے ماں باپ کے پاس شکایات کی جاتی، اکثر بڑھیا کے بیٹے بیٹیاں اور بہنیں ہنس دیتیں اور ماتا جی کو پر امن کرنے کی کوشش کی جاتی، لیکن بڑھیا چین سے نہ بیٹھتی، ہر بھر شٹ ہوئی چیز کو دھوتیں اور ہمیں کوسنے دئے جاتیں ۔
ایک دفعہ میں نے اس کے گلاس میں پانی پی لیا، توبہ توبہ اک ہنگامہ کھپرا ہو گیا، جس سے بمشکل جان چھڑائی۔عام ہندوؤں بڑی بوڑھیاں اور بوڑھوں کا یہ ہی رویہ تھا، لیکن اس وقت کی نئی نسل آزاد خیال تھی، وہ چھوت چھات یا بھرشت ہو جانے کی قائل نہ تھی۔ اور اس نسل کے ہماری عمر کے بچے تو بالکل ہی ہم جیسے تھے ، اکھٹے کھیلتے پڑھتے اور کھا پی بھی لیتے تھے ، اگر کوئی غلط کام کرتے تو ایک دوسرے کو تحفظ دینے میں برابر کے شریک ہوتے تھے ۔
ایک دفعہ میں اور میری ہندو سہیلی مینا بازار سے بڑی آپا کیلئے دھاگے کا گولہ لینے کیلئے گئے اس وقت ہماری عمر لگ بھگ سات آٹھ سال کی ہو گی، آپا ان دنوں دو سوتی پر کڑھائی بنا رہی تھیں ، ڈی ایم سی کا رنگدار دھاگے کا گولہ پانچ پیسے کا ملتا تھا، آپا نے ہمیں دونی دی۔۔۔۔۔ ساتھ آدھا استعمال شدہ گولہ رنگ ملانے کیلئے دیا تھا، ان دنوں چوکور سی دونی ہوتی تھی، اس لئے میں آٹھ پیسے ہوتے تھے ، پنڈی میں آج کل جو مینا بازار تب اسے لوریاں کی گلی کہا جاتا تھا، منیاری کپڑے جوتوں وغیرہ کی دکانیں تھیں ، ہر چیز وہاں ہوتی تھی، گلی کے سرے پر ایک نکڑ میں ایک سکھ کی پکوڑوں ، گول گپوں اور دل کے گلگلوں کی دکان تھی۔
ہم دونوں نے گلی کے اندر جا کر مطلوبہ گولہ لیا، دکاندار نے تانبے کے تین پیسے واپس دئیے ، جسے میں بڑی احتیاط سے مٹھی میں دبا کر سہیلی کے ساتھ گلی سے باہر آئی، لوگ سکھ دکاندار سے گلگلے پکوڑے وغیرہ لے رہے تھے ، ساتھ مولی کی کھٹی چٹنی تھی ہم نے دنوں کا جی للچایا۔
بھلا میں کہا۔
کیا وہ بولی۔
کتنے مزہ کے ہیں ۔
ہاں مجھے تو یہ گلگلے بہت ہی اچھے لگتے ہیں ، پیسے کے پانچ ملتے ہیں ، ساتھ چٹنی بھی، اس نے زبان سے چٹخارہ لیا، پھر منہ بناتے ہوئے کہا، میرے پاس ایک پیسہ بھی نہیں ہے ۔
میری مٹھی میں تین پیسے تھے ، جی للچا رہا تھا۔ منہ میں پانی آ رہا تھا، میں بولی میرے پاس تین پیسے ہیں ، ایک پیسے کے گلگلے کھا لیتے ہیں ۔
لیکن یہ پیسے تو بہن کے ہیں ۔
ہاں تو
پھر؟میں نے کچھ اور سوچا اور بولی یوں کرتے ہیں ، ایک پیسے کے گلگلے کھا لیتے ہیں ، آپا سے کہ دیں گے کہ گولہ چھ پیسے کا تھا۔
ہاں یہ ٹھیک ہے ۔
سو ہم نے ایک نے ایک پیسے کے پانچ گلگلے کیلئے جو دکاندار کے پتے پر رکھ دئیے ، دوسرے پتے پر چٹنی ڈال دی، ہم نے ضد کر کے ایک گلگلہ چھونگے میں اس سے لے لیا، اب ہم دونوں کے حصے میں تین تین گلگلے آ گئے ، جنہیں ہم مزے لے لے کر کھاتی گھر کی طرف چل دیں چونکہ آپا سے جھوٹ بولنا تھا اس لئے راستے ہی میں گلگلے کھا کر منہ ہاتھ صاف کر لئے ۔
گھر آ کر آپا کو گولے کے ساتھ دو پیسے واپس کئے تو جلدی سے بولیں کتنے کا گولہ لائی ہو؟
چھ پیسے کا بہن جی، میری جگہ فٹ سے بملا بولی۔
کیوں ؟۔۔۔۔۔آپ نے گولے کا نمبر دیکھا پھر اس سے گولہ ملایا جو ہمیں نمونے کے طور پر دیا تھا، دونوں ایک ہی جیسے تھے ۔
ہم دونوں چوروں کی طرح ان کے سامنے کھڑے تھے ، غصے سے بولیں " یہ تو پانچ پیسے کا آتا ہے ، لیکن میں نے ڈرتے ڈرتے کہا اس نے اتنے کا ہی دیا ہے ۔"
آپا کو غصہ آگیا۔۔۔۔جاؤ جا کر واپس کر کے آؤ، ماسی جی ابھی کل ہی پانچ پیسے کے گولے میرے لئیے لائی تھیں ۔
اب ہم واپس کیسے جاتے ، آپا برابر مصر تھیں ، کہ گولہ واپس دے کر آؤ یا پیسہ اور واپس لے کر آؤ، ہم دونوں سہمی سہمی ایک دوسری کو دیکھ رہے تھیں ۔
جاؤ اسی وقت جاؤ تو گولہ واپس کرنا یا تو پیسہ لے کر آؤ، آپا نے مزید غصے سے کہا، آپا گھر میں ہم چھوٹے بہن بھائیوں پر بہت رعب تھا، ڈانٹ ڈپٹ تو کرتی ہی تھیں ۔۔۔۔۔۔کبھی کبھی تھپڑ بھی جڑ دیا کرتی تھیں ، امی نے خود تو ہمیں کبھی کچھ نہ کہا تھا، لیکن آپا کو چھوٹ دے رکھی تھی۔
پہلے تو میں نے سوچا کہ آپا کو سچی بات بتا دوں ۔ لیکن ان سے اتنا ڈر لگتا تھا، کہ زبان ہی نہ کھل سکی۔
جاتی کیوں نہیں ہو؟ آپا نے مجھے کمرے سے باہر دھکیلا، بملا سے کچھ کہا تو نہیں بس اتنا ہی اشارہ کیا جاؤ تم یہاں سے ۔ہم دونوں دروازے سے لگ کر کھڑی ہو گئیں ، آپا سمجھ گئیں کہ ہم نے کوئی گر بڑ کی ہے ، اس لئے انہیں اور بھی غصہ آیا، دھپ سے تھپڑ میری کمر پر مارا اور بولیں کہاں ہے پیسہ؟ گولہ پانچ پیسے کا ہی ہے ۔
ہاں میں نے ڈر کر سر ہلایا، تو بھلا تیزی سے ایک طرف ہوتے ہوئے بولی بہن جی پیسہ گم گیا تھا۔
کیسے ؟ آپا سختی سے بولیں ۔
تو میں نے اعتراف جرم کرنے ہی میں عافیت سمجھی۔۔۔۔۔۔آپا کو سچ سچ بتایا، بملا میری طرف دار میں پتہ نہیں کیا کچھ کہہ رہی تھی۔
لیکن آپا نے جو میرا کان مروڑا تو نانی یاد آ گئی، کان چھوڑا تو اک زور دار تھپڑ لگانے کو ہاتھ اٹھایا، بملا آپا کے بازو کے ساتھ لٹ گئی، بہن جی ہم دونوں نے گلگلے کھائے ہیں ۔
آپ نے جیہ کو مارنا ہے تو مجھے بھی ماریں ۔
یوں مجھے دو زور دار تھپڑ پڑا، بملا کی مداخلت پر نہیں ، اسی اثنا میں امی جی اندر آ گئیں ، آپا نے سارا قصہ سنایا، امی ایک تو جیہ نے چوری کی دوسری جھوٹ بولا۔
بری بات امی نے مجھے اپنے قریب کر لیا، پھر چوری اور جھوٹ پر انتے دھیمے اور پیار بھرے لہجے میں لیکچر دیا میں اور بملا دونوں نے آئندہ ایسا نہ کرنے سے توبہ کر لی، بملا کا تو پتا نہیں میں نے پھر بھی کبھی ایس غلطی کرنے کی جرات نہیں کی۔
وقت لمحہ بہ لمحہ سرک رہا تھا، لیکن اس وقت تو یہی لگ رہا تھا، کہ وقت رکا ہوا ہے ، ہم جتنے ہی اتنے ہی رہے ، اسی طرح کھیل کود شرارتیں شوخیاں اور آپا کی سرزنشیں اور دھموکے جاری رہیں گے ، لیکن بچپنا تھا دور کی کہاں سوچ سکتے تھے۔ ہمارے گھر کے سامنے پختہ دو منزلہ مکان مرزا لعل خان کا تھا، وہ آرمی کنٹریکڑ تھے ، ان کے ہاں بھی پیسے کی فراوانی تھی، اباجی کے جگری دوست تھے ، ان کی بیگم امی کی سہیلی تھیں اور ان کی چھ یا سات بیٹیوں میں سے سکینہ میری ہم عمر اور پکی پکی سہیلی تھی، سکینہ بملا اور میں اکثر اکھٹے ہی کھیلتے تھے ۔
پنڈی ان دنوں چھوٹا سا شہر تھا، چند گلیاں محلے اور کچھ بازار جن میں راجہ بازار تب بھی برا بازار گنا جاتا تھا، جی ٹی روڈ شہر اور صدر کے درمیان سے گزرتی تھی، صدر بھی زیادہ برا نہیں تھا، تب آبادی بھی آج سے بہت کم تھی، جہاں فوجی بیرکیں تھیں اور انگریز حکمرانوں کے بہت بڑے بڑے بنگلے تھے ، یہاں فوجی گاڑیاں اور پرانے وقت کی جیپیں بھی چلتی تھی، کوئی ہندو یا مسلم ان اونچے عہدوں تک بمشکل ہی پہنچ پاتا تھا، جن پر حکمران فائز تھے ، انگریز حاکم تھے ، ہندو مسلم سکھ عیسائی محکوم، حکمران قوم جیسا چاہے محکوموں سے سلوک کرتی، انگریزوں نے ہندوستان پر غاصبانہ قبضہ کیا تھا، لیکن اب طاقت ان کے ہاتھ میں تھی، رعایا، کو غداری کی سزا بھگتنا ہی تھی۔
لیکن انگریزوں نے جہاں رعایا کو دبایا ہوا تھا، وہاں ہندوستان میں انہوں نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام بھی کئے ، سڑکیں بنائیں ، چھوٹے شہروں کو بڑے شہروں سے سڑکوں کے ذریعے ملایا، پورے ہندوستان میں ریلوے لائنوں کا جال بچھایا، ریلوے اسٹیشن بنوائے ، سڑکوں اور ریلوے لائنوں کے ساتھ ساتھ دریاؤں پر پل بنوائے ، اسکول، کالج، بنائے تعلیم کے فروغ کیلئے کوشش کی، ہسپتال اور ڈسپنسریاں بنوائیں ، صحت افزا مقامات کو شہروں سے ملایا، دار جلنگ ڈلہوزی نینی تال شملہ مری سوات اور کاغان ناران وغیرہ تک راستے بنوائے ، جگہ جگہ ریسٹ ہاؤس ڈاک بنگلے تعمیر کروائے ، نہروں کے نظام کو نئی شکل دی، بجلی گھر بنوائے ، میڈیکل کالج بھی بنوائے ، وہ بیرونی غاصب حکمران تھے ، یہ سب کچھ نہ بھی کرتے تو ان سے باز پرس کون کرتا، لیکن یہ ان لوگوں کی ذاتی خوبیاں تھیں ، جنہیں ان کی تمام تر برائیوں کے باوجود نظر انداز نہیں کیا جا سکتا تھا۔
تعلیم کے معاملے میں ہندو مسلم کی تفریق نہیں برتی گئی تھی، لیکن مسلمانوں کی بد قسمتی کہ جب تعلیم کا خصوصاً انگریزی تعلیم کا پرچار ہوا تو ہندوؤں نے تو اس سے استفادہ کیا لیکن مسلمانوں کیلئے مولویوں نے فتوی دے دیا کہ جو انگریزی تعلیم حاصل کرے گا۔وہ کافر ہو جائے گا، اس لئے ہندو تو اعلی تعلیم حاصل کر کے انگریزی حکمرانوں کے ساتھ لگ گئے بڑے بڑے عہدوں پر فائز ہو گئے ، مسلمان پیچھے رہ گئے ، خوش قسمتی سے اس نقطے کو سید احمد خان نے پا لیا، انہوں نے دینی نام نہاد رہنماؤں کی پروا نہ کی، مسلمانوں کو تعلیم حاصل کرنے کی طرف مرغوب کیا، انگریزی حکمرانوں کی زبان تھی، اسے سیکھ کر ہی حکمرانوں کے قریب پہنچا جا سکتا ہے ، ان کی دن رات کی تگ و دو سے علی گڑھ کالج اور یونیورسٹی قائم ہوئی اور سمجھدار مسلمان اس سے استفادہ حاصل کرنے لگے ، مسلم مرد اور خواتین تعلیم حاصل کرنے لگیں ، عورتوں کو اس وقت تعلیم کا حق نہ دیا جاتا تھا، لیکن دور رس نظریں رکھنے والے والدین نے اپنی بیٹیوں کو تب ہی زیور تعلیم سے آراستہ کرنا شروع کر دیا تھا، گو ہند عورتوں کے مقابلے میں مسلم عورتوں کی تعداد کم تھی، پھر بھی تعلیمی سلسلے جاری رکھے ، بڑے بڑے شہروں میں لڑکیاں بی اے ایم اے ہوئیں ، ڈاکٹر بنیں ، درس و تدریس میں آئیں ، ہندو اور عیسائی خواتین کے مقابلہ میں تعداد میں کم تھی، لیکن سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔
(نا مکمل؟)
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
سوانح
رضیہ بٹ
اقتباس
وقت کا دھارا ازل سے بہتا چلا آ رہا ہے اور اس ابد تک بہتا رہے گا، اس کے سنگ سنگ ہی زندگی بہتی چلی جا رہی ہے ، زندگی اپنے بہاؤ میں انسانوں کو ایک زاروں کی طرح بہاتی چلی جاتی ہے ، ریگ زار کبھی اپنی جگہ سے ہل کر وہیں جم کر ٹک جاتے ہیں ، کچھ نئے شامل ہو جاتے ہیں ، وہ بھی رکتے ہیں آگے بڑھتے ہیں ، پھر ٹھہر جاتے ہیں ، غرضیکہ زندگی سے چمٹے ریگ زاروں کا سلسلہ ازل سے چل رہا ہے ، اور اب تک چلتا رہے گا، انسان ایسا ہی ریت کا ذرہ ہے جو وقت کے دھارے میں زندگی سے لپٹا ہوا ہے ، کبھی زندگی نزدیک ہی تہہ میں بیٹھ جاتی ہے ، کبھی دور تک چلا جاتا ہے ، یہ نزدیکی اور دوری ماہ و سال میں ماپی جاتی ہے ، یہی عمر کہلاتی ہے ، عمر چند لمحے بھی ہو سکتی ہے ، چند ماہ، چند سال اور سالہا سال بھی ہو سکتی ہے ، عمر کے بھی کئی رخ، کئی زاوئیے اور کئی جہتیں ہوتی ہیں ،۔۔۔عمر انسان کا وہ عرصہ ہے جو وہ زندگی کے سنگ گزارتا ہے ، ہر انسان کا یہ عرصہ ایک جیسا نہیں گزرتا ہے ۔۔اس کے رخ زاویے اور جہتیں ہر انسان کیلئے مختلف ہوتی ہیں ، اس عرصے کا خاتمہ بھی ہر بندے کیلئے ایک جیسا نہیں ہوتا، کہیں زندگی ایک دم ہی ناطہ توڑ لیتی ہے ، کہیں رینگ رینگ کر گزرتے ہوئے جینے والے کو اذیت اور عذاب میں مبتلا کر دیتی ہے ، زندگی اپنا وہ سرمایہ جو جیتے جاگتے لوگ انسان کی صورت میں اٹھائے اٹھائے چلی جاتی ہے ، بالآخر موت کے حوالے کر دیتی ہے ، زندگی جیتی ہی مرنے کیلئے ہے ۔
ہر انسان کی زندگی تھوڑی ہو یا زیادہ وقت اپان کردار ادا کرتا ہے ، کبھی سہانا بن کر، کبھی ڈراؤنا بن کر، نشیب و فراز میں سے گزرتا ہے ، دکھ، خوشی، غم، فکر، انتشار، کامیابی،ناکامی سبھی کو لپیٹ میں لے کر چلتا ہے ۔میں جو کہ وقت کے ساتھ زندگی کے بہاؤ میں بہتے ہوئے تقریباً پون صدی گزار چکی ہوں ، اب جی چاہتا ہے ، کہ پلٹ کر دیکھوں کہ ان بیتے سالوں میں نے زندگی کے ساتھ یا زندگی نے میرے ساتھ کیسا نبھا کیا ہے ، یادداشت کے جن لمحوں کو میں چھو سکوں گی انہیں اکھٹا کرنے کی کوشش کروں گی، میں نے آدھی صدی سے زیادہ قلم کا قلم کا استعمال کیا ہے ، اپنے قارئین کیلئے معاشرے کے ہر پہلو پر کچھ نہ کچھ لکھنے کی کوشش کی ہے ، اللہ تعالی کا احسان عظیم ہے ، کہ لوگوں نے مجھے بڑی محبت دی، بہت کچھ جانے کی کرید اور جستجو بھی فطری بات ہے ۔۔۔۔ان کے ماضی کو حال میں لا کر جاننے کا شوق ہوتا ہے ، کم از کم میری خواہش تو ضرور ہوتی ہے ، کہ جو انسان مجھے ملا ہے ، یا جس سے میرا غائبانہ تعارف ہوا، میں ان کے بچپن، لڑکپن، جوانی اور بڑھاپے کے ہر دور کو اسکرین پر چلنے والی فلم کی طرح دیکھو۔۔۔۔۔ضروری نہیں کہ صرف مشہور شخصیات کے حوالے سے ہی مری یہ خواہش ابھرتی ہے ، بعض اوقات تو میں سڑکے کے کنارے کھڑے کا سہ گدائی پکڑنے انسان کے متعلق بھی جاننے کی متمنی ہوتی ہوں ۔۔۔۔ذہن میں کئی سوال ابھرتے ہیں ۔
کیا یہ شروع ہی سے ایسا ہے ؟
اس کا بچپن کیسا ہو گا؟
اس نے زندگی کو کیسا پایا ہو گا؟
ی کبھی خوشیاں بھی اس پر مہربان ہوئی ہوں گی؟
خیر
یہ تو میری اپنی سوچ اور اپنا تجسس ہے ، ہو سکتا ہے کوئی اس انداز سے نہ سوچتا ہو لیکن مجھے یقین ہے میرے قارئین جو پچاس سال سے زیادہ عرصے سے مجھے پڑھ رہے ہیں ان کے سامنے اگر میں اپنے چوہتر پچھتر سالوں کے احوال اکھٹے کر کے رکھ دوں تو وہ ضرور بخوشی جو کچھ لکھ رہی ہوں اسے پڑھیں گے ۔
پیشتر اس کے کہ میں اپنے اس دنیا سے متعارف ہونے کے متعلق اور اس کے بعد سالوں پر پھیلے واقعات کا احاطہ کروں ، میں کچھ اپنے خاندانی پس منظر کے بارے میں بھی لکھوں گی۔میرا تعلق ایک ممتاز کشمیر گھرانے سے ہے ، ہمارے آبا و اجداد کشمیر کے ایک خوبصورت اور جنت نظیر گاؤں گلبرگ کے رہنے والے تھے ، گلبرگ سری نگر کا ایک گاؤں تھا، پھولوں اور پھلوں سے لدا ہوا، قلقل کرتے ہوئے صاف و شفاف پہاڑی چشموں سے ترنم پیدا ہوتا تھا، ہریالی کا لبادہ اوڑھے یہ علاقہ اراضی جنت تھا، یہاں خوشبودار سیب اتنی بہتات میں تھے کہ کہا جاتا ہے ، ہو سیب پیڑ سے زمین پر از خود گر جاتا اسے کھایا نہیں جاتا تھا، بلکہ گایوں بھینسوں کو ڈال دیا جاتا تھا، سننے میں یہ بھی آیا ہے کہ گائیں اور بھینسیں اتنے سیب کھاتی تھیں کہ ان کے دودھ سے بھی سیبوں کی خوشبو آتی تھی، واللہ اعلم یہ بات ٹھیک ہے یا نہیں ، لیکن یہ سب حقیقت ہے ، کہ کشمیری سیبوں کی خوشبو میں کلام نہیں ، بچپن میں مجھے یاد ہے اباجی کشمیر گئے تھے اور وہاں سے سیبوں کی پیٹی لائے تھے ، ان سیبوں کی خوشبو اور مہک سارے گھر میں پھیل گئی، وہ خوشبو سے میرے اندر اب بھی مقید ہے ، سو اگر سیب ہی سیب کھانے والے گائے دودھ سے سیبوں کی خوشبو آتی تھی، تو یہ بات مغالطہ بھی نہیں ہو سکتی، خیر۔۔۔۔۔گلبرگ میں زعفران بھی پیدا ہوتا ہے ، جس کا سونے کی رنگت مخصوص خوشبو والا قہوہ کشمیری لوگ اب بھی بے حد پسند کرتے ہیں ، بشرطیکہ زعفران کشمیری ہو۔
ہماری دادی اماں اور بھی بیشمار خوبیاں اس خطہ زمین کی بیان کرتی تھی، اس حسین خطے میں بسنے والے بھی حسین تھے ، درا قد بھرے بھرے جسموں اور سرخ و سپید رنگت والے مرد اور نازک اندام حسین و جمیل عورتیں ۔۔۔۔۔جن کی سنہری سرخی مائل رنگت ملاحت لئے ہوتی تھی، کچھ خواتین کی رنگت گلابی چائے ایسی ہوتی تھی پاک صاف فضا، پاکیزہ ماحول، قدرت کا لازوال حسن میں جب بھی ان سب چیزوں کا تصور کرتی ہوں تو حیرانی ہوتی ہوں ، کہ ہمارے آبا و اجداد نے یہ خطہ بے نظیر کتنے دکھ سے چھوڑا ہو گا، اپنی سرزمین سے جدا ہونا تو ویسے ہی اذیت کا باعث ہوتا ہے ، اس پھولوں میٹھے چشموں اور زعفرانی مہک کے علاقوں سے وہ کیسے جدا ہوئے ۔
ہمارے آبا و اجداد مدتوں سے کشمیر میں آباد تھے ، ہمارا سلسلہ نسب جرنیل گلاب سنگھ تینترا سے ملتا ہے ، یہ بہت بہادر فوجی تھے اور مہاراجہ کشمیر کے دست راست تھے ، انہی کی اولاد مشرف ب اسلام ہوئی اور انہیں میں سے ہمارا خاندان ہے ، یہ تینترے بہت جنگجو اور سپہ گیری ماہر تھے ، کشمیری قوم کے متعلق یونہی مشہور کر دیا گیا تھا، کہ یہ بزدل قوم ہے ، لیکن جسے قبیلے سے ہمارے بزرگوں کا تعلق تھا۔وہ بہت بہادر نڈر اور س چشم تھی، چنانچہ یہ خوبیاں اب بھی نسل در نسل چلتی ہمارے کرداروں کا حصہ بنی ہوئی ہیں ۔
لگ بھگ اٹھارویں صدی کے شروع میں ہمارے آبا و اجداد نے نقل مکانی کی، جس وجہ کشمیر میں قحط بتائی جاتی ہے ، قحط میں غالباً فصلیں پھل پھول سوکھ گئے ہوں گے او ویرانی نے ڈیرہ جما لیا ہو گیا،روزگار کی صورت نہ رہی ہو گی، اسی لئے گھر بار ،زمینیں ، باغات اور زعفران کے کھیت چھوڑنے پڑے یہ لوگ قافلہ در قافلہ ایک جگہ سے دوسری جگہ ہجرت کی ہو گی، بہادری کے ساتھ جمالیاتی حس رکھنے والے یہ خوبصورت لوگ پنجاب کے مختلف علاقوں میں جا پہنچے تھے ۔
میں جہاں تک خاندانی ہسٹری ٹریس کر سکی ہوں ،ہمارے جد امجد جو کشمیر سے آئے دو بھائی تھے ، ایک کا نام جم جو غالباً پورا نام جمشید تھا، دوسرے کا ہل تھا، ان کے ساتھ ان کے بال بچے اور چچا زاد ماموں اور دیگر رشتے دار بھی آئے تھے ، سب نے سیالکوٹ کا نواحی علاقہ محلہ رنگپور رہنے کیلے پسند کیا، یہ تب بالکل غیر آبادی ہوتا تھا، اور ان لوگوں نے سر چھپانے کیلئے چھوٹے چھوٹے کچے گھر بنالئے ، تلاش معاش کیلئے تنگ و دو شروع کر دی ہو گی، ہاتھ پیرے مارے ہوں گے ، اور زندگی سے کشمیر سے بالکل مختلف ماحول میں نباہ کرنے کی عادت ڈالی ہو گی، سنا ہے کچھ لوگ پنجاب کی گرمی نہ برداشت کر سکتے تھے اس لئے آہستہ آہستہ واپس جانے لگے ، انکا کیا حال ہوا معلوم نہیں ۔
ہمارا خاندان حجم کی اولاد سے چلا، جم کا بیٹا الا دتہ اور انکا بیٹا نور الدین تھا،یہ غالباً ہمارے اباجی کے پر داد تھے ، ہمارے دادا کا نام کریم بخش تھا اور یہ چار بھائی اور دو بہنیں تھے بھائی رنگپور ہی میں رہے ، نہیں ایک تو قصبہ جا مکئے چٹھ میں بیاہی گئی، دوسری بھی کسی قریبی قصبے میں ، انکی اولادوں سے ہمارا میل جول نہیں ہے ، کبھی کبھار کسی کا نام سننے میں آ جاتا ہے ، ہمارے دادا کے بھائیوں کی اولادیں سیالکوٹ ہی میں رہیں ، اس لئے وہ سب لوگ آپس میں لتے جلتے رہتے ہیں ، رنگپور میں زیادہ گھر ایسے ہی رشتے داروں کے تھے ، جو اب بھی ہیں ۔
جم اور گل تینترا کے ساتھ ان کے اور رشتہ داروں نے بھی کشمیر چھوڑا تھا، ان میں سے ایک خاندان ہجرت کر کے چین کی طرف نکل گیا تھا، دوسرا پشاور کی سمت اس نسل میں سے ایک نوجوان نے قندھار میں بادشاہت بھی قائم کر لی تھی، جو صرف اس کی زندگی تک ہی محدود رہی، پھر بغاوت ہوئی اور انہیں وہاں سے بھاگنا پڑا۔انکی اولاد پہنچیں کہاں آباد ہوئیں ، ان بکھرے لوگوں کا ہمارے بزرگوں کو بھی پتا نہ چل سکا۔
گل اور جم نے سیالکوٹ آ کر کاغذ کا کام شروع کر دیا تھا، کپڑے کے چیتھڑوں سے وہ کاغذ بناتے تھے ، جو موٹا اور قدرے کھرے دا ہوتا تھا، یہ کام انہوں نے کافی کامیابی سے چلایا، یہ کاغذ بہت مضبوط ہوتا تھا، ٹوٹتا بھی نہیں تھا، اور یہ سرمایہ کاری دستاویزات اور عدالتی کاموں میں لکھنے میں استعمال ہوتا تھا، اسی صنعت کو ہمارے دادا جان نے بھی اپنایا اور کاغذ کو قدرے ملائم اور پتلا کرنے کی کوشش کی، اس کام میں انہوں ے اپنے تینوں بھائیوں کو بھی لگایا، سب بھائی مل کر کام کرتے رہے ، لیکن اس کی آمدنی اتنی نہ تھی کہ چار خاندان اس پر پل سکتے ہمارے داد کی شادی سیالکوٹ کے بہت بڑے کشمیری خاندان میں ہوتی تھی ہماری دادی کے والد فوجی تھے ، بڑے بھائی مولوی پیراں دتہ بہت مشہور حکیم تھے ، جن کک شہرت نہ صرف پنجاب ہی میں نہیں یوپی اور دہلی میں پھیلی ہوئی تھی، ایک بھائی شہاب تھے ، جو باپ کی زمین سنبھالتے تھے ، انکا گھر بہت بڑا اور عالیشان تھا، ان کے گھر میں خدمت پر مامور تھے اور ان کے خاندان یہاں پلتے تھے ، ان کی بڑی بڑی بیٹھکیں تھیں ، قالنیوں سے سجی ہوتی تھیں ، ریشمی گاؤ تکے اور پردے تھے ، تب بجلی نہیں ہوتی تھی، گرمی میں کمروں میں لکڑی پر کپڑے کی جھالروں والے پنکھے لگے ہوتے تھے ، جن کی رسی ہاتو سے کھینچی جاتی تھی، یہ بڑے اثر و رسوخ والا گھرانا تھا، روپے پیسے کی بھی ریل پیل تھی، دادی کے چچا جن کا نام غالباً الہ بخش تھا 1857 کی جنگ آزادی میں انگریزوں کے خلاف بے جگری سے لڑتے تھے ، انگریزوں نے انہیں گرفتار کر کے پھانسی کی سزا سنا دی تھی،م یہ بڑے جواں ، جیالے ، اور خوبصورت تھے ، جب انہیں پھانسی کی سزا ہوئی تو جیسے دھرتی کانپ گئی ، لوگ دم بخود ہو گئے ، دادی سنایا کرتی تھی کہ انہیں پھانسی پر چڑھایا جا رہا تھا تو دو دفعہ رسہ ٹوٹ گیا، پھر انگریزوں نے بطور خاص ریشم بٹوا کر رسہ تیار کروایا اور انہیں پھانسی دے دی گئی۔۔۔۔۔پورا سیالکوٹ اور گرد و نواح کے علاقے اس کڑیل جوان کی موت پر نوحہ کناں تھے ، لیکن غیر ملکی حکمرانوں کے سامنے آواز بلند نہ سکتے تھے ، جنہوں نے آواز بلند کی وہ بھی دھر لئیے گئے ، یوں دادی کا خاندان اور دور تک مشہور ہو گیا۔۔۔۔اس خاندان کی ہمارے داد سے کوئی نسبت نہ تھی داد ابھی اپنی فیملی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرانے میں لگے تھے ، گھر میں بھی ایک ہی خاندان تھا، جو کچی پکی اینٹوں سے بنا ہوا تھا، چاروں بھائی یہاں ہی رہتے تھے ، بہنیں بیاہ کر اپنے اپنے گھروں کو جاچکی تھیں ، اس لئے گھر میں کوئی عورت نہیں تھی، اس لئے گر کا کوئی خاص طور طریقہ نہ تھا، سارے لڑکے تھے اور گھر کے کام بھی خود ہی کیا کرتے تھے ، اس لئے ضروری تھا کہ داد شادی کر کے بیوی گھر لے آئیں ، چچاؤں نے بھی اس بات پر زور دیا، داد محنت اور لگن سے کام کر کے پہلے اپنی مالی حالت سنوارنا چاہتے تھے ، لیکن ضرورت مجبوری کا دوسرا نام ہے ۔
اگلے وقتوں میں شادی کیلئے لڑکے کی شکل و صورت اور شرافت ہی دیکھیں جاتی تھی، تبھی تو ہماری دادی کا رشتہ ہمارے دادا سے ہو تھا، دونوں خاندانوں کی مالی حالتوں میں زمین و آسمان کا فرق تھا، دادی کے باپ اور بھائی سواریوں کیلئے گھوڑوں کا استعمال کرتے تھے ، مولوی پیراں دتہ جو حکیم تھے ان کی سفید گھوڑی تو پورے سیالکوٹ میں مشہور تھی، وہ اردگرد کے گاؤں اور قصبوں میں مریضوں کو دیکھنے اسی گھوڑی پر جایا کرتے تھے ، ان کا بڑا رعب و دبدبا تھا۔
دادی اماں سنایا کرتی تھیں ، کہ یکسر مختلف ماحول میں آ کر انہیں زندگی سے نبھا کرنے میں خاصی تکالیف کا سامنا کرنا پڑا گھر کے سارے کام خود کرنا پڑتے تھے ، ان دنوں دیور بھی ساتھ تھے ان کا کام بھی انہیں ہی کرنا پڑتا تھا، تو اور ان دنوں چکی پر گندم پیس کر روز تازہ آٹا بناتی تھیں ، دادی منہ اندھیرے اٹھتیں اور کام میں جت جاتی اور کام تو اتنے مشکل نہ تھے لیکن چکی پیسنا آسان کام نہ تھا۔۔۔۔۔ہاتھوں میں چھالے پڑ جاتے عمر بھر بھی چھوٹی تھی اکثر چکی پیستے رونے لگتیں ۔دادی بتایا کرتی تھیں ، اکثر جب وہ آتے تو میں آٹا پیس رہی ہوتی، وہ شاید بہن کے چہرے پر اذیت کے آثار پڑھ لیتے ، اس لئے بڑے پیار سے ان کی ہمت بندھاتے ، پیسے دے جاتے ، ہاں جاتے جاتے اپنے ہاتھ میں پکڑی چھتری سے اپنی سفید کلف شدہ پگڑی کو چھو کر کہتے دیکھ فتح بی بی میری پگ سفید ہے ۔۔۔۔۔
دادی کہتی ہیں میں سمجھ نہ پاتی کہ بھاجی یہ کیا کرتے اور کیا کہتے ہیں ، وہ کہتی ہیں آخر ایک دن جب میں میکے گئی تو میں نے اپنے ماں سے یہ بات کہی اور پوچھا ماں بھاجی اکثر یہ بات مجھے کیوں کہتے ہیں ؟
ماں جی مسکرا دیں ۔
دادی نے پھر پوچھا۔
تو۔
***
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)