دین و مذہب

سیرت مطہرہ

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (7,883 الفاظ)

سیرت مطہرہ

مختلف مصنفین/ مترجمین

جمع و ترتیب: اعجاز عبید

پیغمبر اکرمؐ پیکر صلح و رحمت

قرآن کریم، پیغمبر اکرم ( صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کو بندوں کے لئے رحمت اور خلق عظیم کے نام سے یاد کرتا ہے اور فرماتا ہے کہ اگر سب لوگ تمہارے پاس جمع ہو گئے ہیں تو یہ آپ کے نرم و ملائم اور فصیح و بلیغ کلام کی وجہ سے ہے اور اگر اس طرح نہ ہوتا تو یہ سب آپ سے دور ہو جاتے۔ اسی طرح قرآن کریم آپ کے سینہ کی کشادگی اور شرح صدر کے متعلق اس طرح تعریف کرتا ہے ، ان کے لئے بہت سخت ہے کہ تمہیں کوئی مشکل پیش آئے۔ اور دوسری آیت میں فرماتا ہے : شاید تم چاہتے ہو کہ ان کی ہدایت کی خاطر اپنی جان کو فدا کر دو۔
گذشتہ زمانے میں تحریف ایک ایسا وسیلہ تھا جس سے جاہل اور مغرض افراد استفادہ کرتے ہوئے فائدہ اٹھاتے تھے اور اس کو بار بار بیان کر کے کوشش کرتے تھے کہ تحریف کے موضوع کو ایک حقیقت اور واقعیت میں بدل دیں۔
صدیوں سے خصوصاً جنگ صلیبی کے زمانہ سے مغرب میں یہ کوشش کی جاتی تھی کہ پیغمبر اکرم ( صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کی شخصیت کو مخدوش کر دیں اور آپ کو جنگ طلب اور صلح سے بہت دور معرفی کریں ، اور یہ کام ابھی تک مغرب میں جاری ہے یہ لوگ دوسرے مذاہب کے افکار و مقدسات کو تسامع اورتساہل سے بیان کرتے ہیں اور خود کو سکولاریزم کے عنوان سے پہچنواتے ہیں ، ابھی تک ان کے تہذیب و تمدن کے گذشتہ آثار ختم نہیں ہوئے ہیں اس کے باوجود یہ لوگ پیغمبروں کے درمیان فرق کے قائل ہیں جب کہ پیغمبروں کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے اور خداوند عالم نے ان سب کو ایک ہدف کیلئے اور انسانوں کی اصلاح و ہدایت کیلئے بھیجا ہے ، یہ لوگ ایک پیغمبر کو صلح و ثبات والا بیان کرتے ہیں اور دوسرے پیغمبر کو کسی اور طر ح سے پہچنواتے ہیں۔
یہ لوگ ہمیشہ نفاق و اختلاف کا بیج بوتے رہتے ہیں اور یہی نہیں بلکہ انبیاء میں بھی اختلاف بتاتے ہیں اور ہر روز ایک نیا فتنہ پیغمبر خاتم کیلئے ایجاد کرتے ہیں ، اس محبوب اور مظلوم پیغمبر کی توہین کرتے ہیں ، اور کروڑوں مسلمانوں کے دل کو زخمی کرتے ہیں ، لیکن ان تمام باتوں کے باوجود قرآن کی شہادت اور آنحضرت کے اقرار اور آپ کی مشہود سیرت عملی ، ہمارے پیغمبر اکرم ( صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کو اخلاق، صلح، دوستی، برادری، رحمت اور محبت کا پیغمبر بتاتی ہے اور آپ کی مشقت بار زندگی اس بات کی گواہ ہے۔
یہاں پر مختصر طور پر مندرجہ بالا خصوصیات کی وضاحت کریں گے :

١۔بندوں کے لئے رحمت اور خلق عظیم

قرآن کریم، پیغمبر اکرم ( صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کو بندوں کے لئے رحمت اور خلق عظیم کے نام سے یاد کرتا ہے اور فرماتا ہے کہ اگر سب لوگ تمہارے پاس جمع ہو گئے ہیں تو یہ آپ کے نرم و ملائم اور فصیح و بلیغ کلام کی وجہ سے ہے اور اگر اس طرح نہ ہوتا تو یہ سب آپ سے دور ہو جاتے۔ اسی طرح قرآن کریم آپ کے سینہ کی کشادگی اور شرح صدر کے متعلق اس طرح تعریف کرتا ہے ، ان کے لئے بہت سخت ہے کہ تمہیں کوئی مشکل پیش آئے۔ اور دوسری آیت میں فرماتا ہے : شاید تم چاہتے ہو کہ ان کی ہدایت کی خاطر اپنی جان کو فدا کر دو۔

٢۔ گذشتہ انبیاء کی رسالت کو کامل کرنے اور اخلاقی کمالات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے مبعوث ہوا

پیغمبر اکرم ( صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) اپنی بعثت کے ہدف کو بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ میں گذشتہ انبیاء کی رسالت کو کامل کرنے اور اخلاقی کمالات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے مبعوث ہوا ہوں ، لہذا آپ نے گذشتہ انبیاء کی رسالت کو جاری رکھا ، پورا قرآن کریم ،گذشتہ انبیاء کے اعتقاد اور ان کے احترام سے بھرا ہوا ہے اور گذشتہ انبیاء کی کتب اور ان کی رسالت کا بھی قرآن کریم میں تذکرہ ملتا ہے۔

٣- صلح و آرامش کو اپنا ہدف قرار دینا

۔ پیغمبر اکرم ( صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم)نے اپنی زندگی میں اپنی عملی سیرت کے ذریعہ ()اور جنگجو و سرکش قوم کے درمیان زندگی بسر کر کے ایسی امت بنائی جو اپنے کینہ اور حسد کو بھول گئی اور انہوں نے اپنی قدرت و طاقت یعنی فتح مکہ کے وقت بھی آنحضرت ( صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کی پیروی کرتے ہوئے صلح و آرامش کو اپنا ہدف قرار دیا ، بعض جگہوں پر ایمان لانے والے اپنے زمانہ جاہلیت کے قصہ آنحضرت ( صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم)سے بیان کرتے تھے اور آپ ان حادثات کو بیان کرنے سے منع کرتے تھے یا دوسرے لفظوں میں یہ کہا جائے کہ آپ ان کی وحشی گری اور بے رحمی کی باتوں کو برداشت نہیں کر پاتے تھے ، آپ نے اپنے بیٹے ابراہیم کی موت اور اپنے چچا حضرت حمزہؑ کی شہادت پر گریہ و عزاداری کر کے اس معاشرہ میں ایک قسم کے عاطفہ، رحم اور احساسات کو جگایا، آپ جاہلی معاشرہ پر اپنے اثرات چھوڑ رہے تھے ، پیغمبر اکرم ( صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم)نے مہاجر و انصار اور دوسرے مسلمانوں کے درمیان جو ارتباط و عاطفہ پیدا کیا وہ ان لوگوں کیلئے ایک بہترین پیغام تھا جو اپنے جاہلیت کے زمانہ کے بغض و حسد کو زمانہ اسلام میں بھی قائم کرنے کی کوشش کرتے تھے۔

٤۔ مسلمانوں کے درمیان عقد اخوت قائم کرنا

اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ظہور اسلام کے بعد عرب کے قوانین و احکام میں ایک عمیق تبدیلی پیدا ہو گئی ، اور یہ تبدیلی، اسلام کے جدید قوانین و احکام اور رسوم جاہلی کے آداب ، افکار اور عقائد سے مستقم تعارض ہونے کی وجہ سے آئی تھی ،ان میں سے بعض احکام کو اسلام نے تاسیس کیا اور بعض احکام کی تائید کی اور ان کے اندر اصلاحات اور تبدیلیاں انجام دیں ، اور جاہلیت کے تمام مظاہر کو ان سے حذف کر دیا جیسے حج کے احکام سے شرک کے مظاہر کو حذف کر دیا گیا۔
بعض افراد ہمارے پیغمبر اکرم ( صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کے عقد اخوت کو جاہلی کے عہدو پیمان "حلف"سے تعبیر کرتے ہیں ، وہ لوگ اس بات کی طرف توجہ نہیں کرتے کہ ہمارے پیغمبر اکرم نے جو کام انجام دیا ہے وہ زمانہ جاہلی کے عہد و پیمان "حلف"کے برخلاف ہے ، ہمارے پیغمبر اکرم ( صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کے عہد و پیمان میں بندہ اور مولی ، ضعیف و قوی ، ثروتمند و فقیر کا رابطہ مساوی سمجھا جاتا تھا اور اپنے آپ سے زیادہ دوسروں کو نزدیک سمجھتے تھے یہاں تک کہ ایک دوسرے کو وصیت کرتے تھے لہذا آپ نے فرمایا : "لا حلف فی الاسلام"۔

۵۔ قوم اور قبیلہ کے عقیدے کو ختم کرنا

زمانہ جاہلیت کی عداوت، دشمنی، بغض اور حسد ان کے دلوں میں باقی رہ گیا تھا خاص طورسے انصار کے دل ، بھرے ہوئے تھے ، یہ ایسی حقیقت ہے جس کی قرآن کریم نے بھی تصریح کی ہے (جس وقت تم لوگ آپس میں دشمن تھے )اور یہ دشمنی ظاہری نہیں تھی جو ایک آدمی یا چند افراد کے وسیلے سے ختم ہو جاتی بلکہ یہ اجتماعی مشکل اس قدر عمیق تھی کہ خداوند عالم نے پیغمبر اکرم ( صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم)سے فرمایا: اگر تم زمین کی تمام قیمت کو ان پر صرف کر دیتے تو یہ کام انجام نہ پاتا۔ اور خداوند عالم نے پیغمبر اکرم ( صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کے اس عمل کو اس کی اہمیت و ارزش کی وجہ سے اپنی طرف نسبت دی ہے اور یہ کوئی سیاسی یا کسی خاص زمانہ کیلئے کام نہیں تھا جس کو الفاظ یا نعروں میں خلاصہ کر دیا جائے اور اسی طرح قوم و قبیلہ کے عقیدہ کا معیار اس طر ح ہو گیا کہ مختلف قوم و قبیلہ کے لوگ اس زمانہ میں ایک مسلمان امت "المومنون اخوة"کے زمرہ میں آ گئے لہذا جو کاروان مدینہ آئے انہوں نے آپ کے اس اقدام کا بہت زیادہ ا ا ستقبال کیا اور انہوں نے اسلام کو قبول کر لیا ، اسی طرح پیغمبر اکرم کے دوسرے بہت سے اقدامات ہیں جو آنحضرت ( صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کے زندہ و جاوید معجزے ہیں اور یہ سب آپ کے اخلاق حسنہ ، رحمت، محبت، صلح اور برادری و بھائی چارگی کی وجہ سے وجود میں آیا تھا۔
٭٭٭
http://www.islaminurdu.com/category/history/prophet

رسالت پر ایمان لانے کا تقاضا

قرآن پاک نے جس خوبصورت اسلوب میں اور بار بار مقام رسالت کو بیان کیا ہے اس سے واضح ہوتا ہے کہ رسالت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے اور قرآن اس حسین اسلوب بیان سے صادق و عاشق اور وفا شعار امت کے دل میں "عشق رسول"پیدا کرنا چاہتا ہے اس لئے کسی سچے اور پکے امتی کے لئے جائز نہیں ہے کہ کلمہ پڑھ لینے کے بعد فارغ بیٹھ جائے اور یہ سمجھنے لگے کہ اب اس پر کوئی ذمہ داری عائد نہیں ہوتی، اسے نجات کا پروانہ مل گیا ہے اور اب وہ آزاد ہے جس طرح چاہے زندگی گزارے۔
یہ خیال غلط ہے ، حقیقت یہ ہے کہ ایمان وہ معتبر ہے جو امتی کو اپنے نبی کا عاشق و طالب بنا دے اور وہ اپنے نبی کے لئے پروانے کا روپ دھار لے کہ اس کی دید اور یاد کے بغیر اسے قرار ہی نہ آئے ، اٹھتے بیٹھتے ، آتے جاتے اور ہر کام کے دوران تصورِ جاناں ہی میں مستغرق رہے۔ اس لئے نبی پر ایمان لانے کے کچھ تقاضے ہیں ، امتی کے لئے جن کو ملحوظ رکھنا ضروری ہے۔ وہ آداب و تقاضے یہ ہیں۔
اپنے نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی دل و جان سے تعظیم کرے۔
نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو بے مثل جاننا۔
اللہ تعالیٰ نے انہیں جو کمالات و مراتب عطا فرمائے ہیں ، انہیں تسلیم کرے اور ان کے تذکرے سے خوش ہو، جہاں فضائل و معجزات کی تفصیل سنے اس کا دل کنول کی طرح کھل اٹھے۔
دل کی گہرائیوں سے نبی کی تعظیم کرنا
حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ذات اقدس پر ایمان لانے کا پہلا تقاضا یہ ہے کہ انسان ان کی تعظیم و تکریم کو اپنا شعار بنائے۔
تعظیم رسالت ایک ایسا مسئلہ ہے جسے قرآن پاک نے بڑی اہمیت دی ہے اور اسے ایسے ایمان افروز اسلوب میں بیان کیا ہے جس سے حسین تر اور معنی خیز اسلوب کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔
انسان کی فطرت بھی عجیب ہے ، وہ طبعی طور پر علم و حکمت کا رسیا اور فضل و کمال کا قدر دان ہے۔ اسے کسی شخصیت کی خصوصیات اور اس کی ذات میں پائے جانے والے غیر معمولی اور انمول کمالات کا پتہ چل جائے تو وہ بن دیکھے ہی اس پر دل و جاں سے فدا ہو جاتا ہے اور اسی کے تصور میں گم رہنے لگ جاتا ہے اور ہر حال و مجلس میں اس کے ذکر کے سوا اسے کچھ نہیں سوجھتا۔
اسی اصول کے مطابق، قرآن پاک نے اہل ایمان کے دلوں میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی محبت اور عقیدت پیدا کرنے کے لئے سورۃ الفتح کی آیت میں پہلے حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی کچھ اعلیٰ ترین اور یگانہ و یکتا شانیں بیان کی ہیں کہ وہ گواہ اور شاہد ہیں اور بشیر و نذیر بھی، تاکہ امتی اس حقیقت سے آگاہ ہو کر کہ اس کے رسول بڑے ہی مہربان اور شفیق ہیں جو قیامت کے دن اپنی گناہگار امت کے حق میں گواہی دیں گے اور کسی بھی مرحلہ پر اسے بے یارو مددگار نہیں چھوڑیں گے۔ اس حوالے سے ان کی ذات نہایت ہی قابل قدر، عظیم و جلیل اور محبت کے لائق ہے اس لئے مومنوں کا حق ہے کہ وہ بھی ان سے ٹوٹ کر پیار کریں اور ان کی عقیدت کو دل میں جگہ دیں چنانچہ ارشاد فرمایا:
إِنَّا أَرْسَلْنَاکَ شَاہدًا وَمُبَشِّرًا وَنَذِیرًاo لِتُؤْمِنُوا بِاللَّہ وَرَسُولِہ وَتُعَزِّرُوہ وَتُوَقِّرُوہ. (الفتح، 48 : 8، 9)
"اے نبی! بے شک ہم نے آپ کو شہادت و بشارت اور انذار کے منصب پر فائز کر کے بھیجا ہے ، (اے لوگو! یہ اس لئے ہے ) تاکہ تم اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خوب تعظیم و توقیر کرو"۔
قرآن پاک نے دوسری جگہ ٹوٹ کر پیار کرنے اور تعظیم و توقیر کا یہی عمل اختیار کرنے والوں کو دنیا اور آخرت میں کامیابی کی بشارت دی ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے :
فَالَّذِینَ آمَنُواْ بِہ وَعَزَّرُوہ وَنَصَرُوہ وَاتَّبَعُواْ النُّورَ الَّذِی أُنزِلَ مَعَہ أُوْلَـئِکَ ہمُ الْمُفْلِحُونَo (الْأَعْرَاف ، 7 : 157)
"پس جو لوگ ایمان لائے اور ان کی خوب تعظیم اور مدد کی اور جو نور ان کے ساتھ اتارا گیا ہے ، اس کی پیروی کی تو یہی لوگ مسرت و کامیابی حاصل کرنے والے ہونگے "۔
دونوں آیات میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تعظیم کا حکم دینے کے لئے لفظ "تعزیر"لایا گیا ہے جو اپنی جگہ بڑا معنی خیز ہے۔ یہ لفظ عام قسم کی تعظیم و تکریم کے لئے نہیں بولا جاتا بلکہ تعظیم کی اس حالت پر بولا جاتا ہے جو تعظیم کی انتہائی حدوں کو چھولے۔
مگر حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ذات پاک وہ بے مثل ذات ہے کہ عام انسانوں کے لئے تو تعظیم میں مبالغہ آ سکتا ہے مگر حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ذات پاک وہ بے مثل ذات ہے جہاں مبالغہ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اسی لئے قرآن پاک نے یہ لفظ ذکر کیا ہے تاکہ اہل ایمان تعظیم کے لئے جو بھی عمل اور انداز اختیار کرنا چاہیں وہ بلا تکلف اختیار کر لیں اور اپنے پاک نبی کی صفت و ثناء بیان کریں ، چاہے ان کا بیان کتنا ہی پر شکوہ اور حسنِ عقیدت سے لبریز ہو اور ان کا نیاز مندانہ انداز، خواہ کتنی ہی عاجزی لئے ہوئے ہو پھر بھی اس میں مبالغہ پیدا نہیں ہو گا کیونکہ نبی اعظم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان اتنی ارفع و اعلیٰ ہے اور رب کریم نے ان کو اتنی عظمتیں عطا فرمائی ہیں کہ امتی جو خوبی اور شان بھی بیان کرے گا وہ ان کی ذات اقدس میں موجود ہو گی۔
حسن یوسف، دم عیسیٰ، ید بیضاء داری
آنچہ خوباں ہمہ دارند، تو تنہا داری
محمد سر بسر حمدِ خدا ہیں
محمد جانِ ہر حمد و ثناء ہیں
محمد ہیں ، محمد ہی محمدؐ
محمدِ مصطفیٰ ہی مصطفیٰ ﷺ ہیں
اس حقیقت ثابتہ اور نورانی ضابطہ کے مطابق امام شرف الدین بوصیری رحمۃ اللہ علیہ نے قصیدہ بردہ شریف میں ارشاد فرمایا:
دَعْ مَا اَدَّعَتْہ النَّصَارٰی فِی نَبِیِّہم
وَاحْکُمْ بِمَا شِئْتَ مَدْحًا فِیْہ وَاحْتَکِم
"نصاریٰ نے اپنے نبی کو خدا کا بیٹا کہا تھا تم یہ مت کہو اس کے علاوہ جس طرح چاہو، ان کی شان بیان کرو (سب کچھ بیان واقعہ ہو گا، مبالغہ نہیں ہو گا)"۔
نبی کو خدا کا بیٹا کہنا بے شک مبالغہ اور خلاف واقعہ بات ہے ، کفر ہے ، اس لئے اس سے منع کیا گیا ہے ، حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا ارشاد ہے :
لَا تُطْرُوْنِیْ کَمَا اَطْرَتِ النَّصَارٰی.
جس طرح نصاریٰ نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بارے میں مبالغہ کیا تھا، تم اس سے باز رہو اور میری اس قسم کی تعریف نہ کرو کیونکہ یہ تعریف نہیں ، کذب بیانی ہے ، خلاف واقعہ، غلط اور جھوٹی بات ہے۔ اللہ تعالیٰ اولاد سے پاک ہے ، کوئی نبی اس کا بیٹا نہیں ہوسکتا، اس لئے جو بھی کسی کو اس کا بیٹا کہے گا وہ جھوٹ بولے گا اور مبالغہ کی حدوں سے بھی آگے بڑھ جائے گا، اس لئے یہ غلط بات کہنے اور اس انداز سے تعریف کرنے کی اجازت نہیں ، باقی ہر قسم کی تعریف و ستائش، مدح و نعت اور صفت و ثناء کی اجازت ہے۔
اس حدیث کی آڑ لے کر یہ کہنا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اپنی تعریف سے منع فرمایا ہے ، اس لئے کسی قسم کی مدح و ستائش جائز نہیں اور وہ مبالغہ کی تعریف میں آ جاتی ہے ، یہ بالکل غلط ہے۔ اس حدیث پاک میں خدا کا بیٹا کہہ کر مدح کرنے کی ممانعت ہے ، باقی رہے وہ اوصاف جو آپ کی ذات اقدس میں حقیقتاً پائے جاتے ہیں ان کے بیان کی ممانعت نہیں بلکہ ان کا ذکر ضروری اور موجب خیرو برکت ہے۔
حضرت حسان رضی اللہ عنہ جب حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی نعت پڑھتے تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ان کو دعا دیا کرتے تھے۔
اَللّٰہمَّ اَیّدْہ بِرُوْحِ الْقُدُس.
"اے اللہ! جبریل امین کو حسان کی تائید و تقویت کے لئے مامور فرما"۔
اس لئے ایمان کا پہلا تقاضا یہ ہے کہ حکم قرآن کے مطابق دل کھول کر آپ کی تعظیم کی جائے اور مدح و نعت اور درود و سلام کے مہکتے پھول بطور نذرانہ عقیدت آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ذات اقدس کے حضور بصد ادب و احترام پیش کئے جائیں۔
٭٭٭
ماخذ:
http://www.tebyan.net
http://www.erfan.ir/article/article.php?id=39385

پیغمبر اسلام کے کلام میں مومن اور منافق کی پہچان کا معیار

حضرت علی علیہ السلام کا نام نامی اور اسم گرامی محتاج تعارف نہیں ہے ان کا جو تعلق اسلام اور مسلمانوں سے ہے وہ کسی پر پوشیدہ نہیں ہے آپ کو اہلبیت اطہار ؑ اور اکابر صحابہ میں جو امتیازی اور اختصاصی شان حاصل ہے وہ بھی محتاج بیان نہیں ہے چنانچہ ارشاد امام احمد و نسائی میں بیان ہوا ہے کہ:
"ماجاء لاحدمن اصحاب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم من الفضائل ماجاء لعلی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ"آنحضرت کے اصحاب میں سے کسی کے اس قدر فضائل بیان نہیں ہوئے ہیں جتنے حضرت علی علیہ السلام کے متعلق وارد ہوئے ہیں .(1)
حضرت علی علیہ السلام مومن اور منافق کی پہچان کا ذریعہ اور وسیلہ ہیں اگر آپ کسی مومن یا منافق کو پہچاننا چاہتے ہیں تو یہ دیکھیں کہ یہ شخص حضرت علی ؑ سے بغض و عداوت اور دشمنی رکھتا ہے کہ نہیں ، اگر یہ شخص حضرت امیر ؑ کی محبت و الفت سے سرشار ہے تو مومن ہے اور اگر حضرت کے ساتھ بغض و عداوت رکھتا ہے تو منافق ہے لہذا پیغمبر اسلام نے مومن و منافق کی پہچان کے لئے حضرت علی علیہ السلام کے ساتھ محبت و دوستی اور انکے ساتھ عداوت اور دشمنی کو معیار قرار دیا ہے اس سلسلے میں آنحضرت کا ارشاد ہے "قال صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم لعلی لا یحبک الا مومن ولا یبغضک الا منافق "پیغمبر اکرم نے فرمایا کہ اے علی مومن تم سے محبت اور دوستی رک ہے گا اور منافق تم سے بغض و عداوت رک ہے گا. (2)
پیغمبر اکرم کے ایک برجستہ صحابی ابو سعید خدری فرماتے ہیں کہ ہم منافقین کو حضرت علی علیہ السلام کی عداوت اور دشمنی کے ذریعہ پہچانا کرتے تھے .
آنحضرت نے فرمایا کہ"من سب علیا فقد سبنی ومن سبنی فقد سب اللہ "(3) جس نے علی کو گالی دی اس نے مجھے گالی دی اور جسنے مجھے گالی دی اس نے اللہ کو گالی دی .
آنحضرت نے فرمایا کہ"من آذی علیا فقد آذانی ومن آذانی فقد آذی اللہ "جس نے علی کو اذیت دی اس نے مجھے اذیت دی اور جسنے مجھے اذیت دی اس نے خدا کو اذیت دی .(4)
مذکورہ احادیث سے صاف واضح ہو جاتا ہے کہ علی کا مرتبہ گھٹانے والا انکو برا کہنے والا اور انہیں اذیت پہنچانے والا کبھی بھی مسلمان نہیں ہوسکتا.
بنی امیہ کے دور حکومت میں امیر معاویہ نے اپنی بیعت کے شرائط میں یہ شرط بھی رکھی تھی کہ لوگ حضرت علی علیہ السلام پر سب و لعن کیا کریں (5)ان کے نزدیک بغیر اس شرط کے بیعت مستند اور قابل حجت نہیں ہوسکتی تھی معاویہ نے سعد بن ابی وقاص سے بھی کہا تھا کہ علی کو گالیاں دینے سے تمہیں کس نے منع کیا ہے "ما منعک ان تسب ابا تراب"(6)لہذا حضرت علی علیہ السلام اور انکے اہلبیت اطہارؑ کے لئے معاویہ اور اسکے بعد آنے والے بنی امیہ کے بادشاہوں کا دور تاریک ترین دور رہا ہے اور آنحضور ﷺ کی اولاد کے خلاف یہ بھیانک صورتحال عمر بن عبدالعزیز کے دور حکومت تک جاری رہی اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ تمام وہ لوگ جو بنی امیہ کی طرف منتسب یا انکے زیر اثر یا انکے جال میں پھنسے ہوئے تھے وہ لوگ حضرت علی اور اہلبیت نبی ﷺ کے ساتھ دشمنی اور عداوت کو دینی فرائض میں سمجھنے لگے اور بعد کی نسلوں میں بھی آج تک یہ جذبہ کار فرما ہے چنانچہ جن لوگوں نے اہلبیت ؑ کے ساتھ ذرا سی بھی محبت اور الفت کا اظہار یا اعلان کرنے کی کوشش کی انکو بنی امیہ اور ان کے حواریوں نے ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا اگر چہ حضرت علی ؑ پر سر ممبر سب و شتم جو معاویہ کے دور حکومت سے شروع ہوا تھا وہ عمر بن عبد العزیز کی حکومت کے دوران بند ہو گیا لیکن حضرت امیر اور اہلبیت رسول اکرم ﷺ کے خلاف جو فضا بنی امیہ نے مکدر کر دی تھی اس کا اثر خلفاء بنی عباس کے دور حکومت میں بھی نمایاں رہا چنانچہ بنی عباس کے دور حکومت میں سادات اور اہلبیت ؑ کے دوستداروں کو بنی امیہ کے دور سے کہیں زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ا ور اب بھی اس کی مثالیں ملتی ہیں شیعیان علی علیہ السلام کو آج بھی اہلبیت اطہارؑ کی محبت کی سزا میں مختلف قسم کے مشکلات کا سامنا ہے اہلبیت اطہار کی محبت میں سرشار لوگوں کو شیعہ یا رافضی کہتے ہیں حالانکہ شیعہ کہتے ہی ان لوگوں کو ہیں جن کے دل محمد و آل محمد کی محبت و الفت کے جذبے سے سرشار ہوتے ہیں اور محبت اہلبیت کے اس گرانقدر سرمایہ کی حفاظت کے لئے وہ کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرتے ہیں امام شافعی کہتے ہیں کہ اگر علی ؑ اور اہلبیت کی محبت سے سرشار ہونا رفض ہے تو پھر میں سب سے بڑا رافضی ہوں امام شافعی کہتے ہیں .
"ان کان حب الولی رفضا۔ ۔۔۔۔ فاننی ارفض العبادی
ان کان رفضا حب آل محمد۔ ۔۔۔ فلیشہد الثقلان انی رافض"
اگر علی ؑ کی محبت رفض ہے تو دونوں جہان گواہ رہیں کہ میں سب سے بڑا رافضی ہوں
اور اگر آل محمد کی محبت رفض ہے تو دونوں جہان والے جان لیں کہ میں رافضی ہوں .
آل محمدؐ کی محبت کے جرم میں جن لوگوں نے امام شافعی ، نسائی اور دوسرے بزرگوں کو بھی معاف نہیں کیا، وہ عام شیعیان اہلبیت کو کب معاف کریں گے کیوں کہ انکو تو بتایا ہی یہ گیا ہے معاویہ ہی سب کچھ ہے حالانکہ معاویہ کے سیاہ کارناموں سے اسلام کا دامن آج بھی داغ دار ہے اور معاویہ کے سیاہ کارناموں میں وہ لوگ بھی جو معاویہ کے مددگار اور پشتیباں رہے ہیں یہ امر مسلم ہے کہ کتنی ہی اچھی چیز کیوں نہ ہو اگر اس کی برائی کسی کے سامنے برابر اور مسلسل بیان کی جائے تو کچھ دنوں کے بعد سننے والے کے خیالات برگشتہ ہو جائیں گے اور بالکل یہی صورت بری چیز کی بھی ہوتی ہے کہ سنتے سنتے انسان بری چیز کو اچھا سمجھنے لگتا ہے امیر المومنین علی علیہ السلام اور معاویہ کے معاملے میں بھی بالکل یہی صورت نظر آتی ہے امیر المؤمنین حضرت علی علیہ السلام نے کہا تھا کہ معاویہ مجھ سے زیادہ ہوشمند نہیں ہے لیکن کیا کروں میرے اقدامات میں دین حائل ہو جاتا ہے اور معاویہ کو دین کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
امام حسن مجتبی ؑ نے معاویہ کے ساتھ صلح نامہ میں دو بنیادی شرطیں رکھیں پہلی شرط یہ ہے کہ حاکم شام (معاویہ ) کو کتاب اور سنت پر عمل کرنا ہو گا ا ور دوسری شرط یہ ہے کہ امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام پر سب و شتم کے سلسلے کو بند کرنا پڑے گا معاویہ نے صلح نامہ کے تمام شرائط کو قبول کر لیا لیکن کچھ ہی عرصہ کے بعد امام حسنؑ کے ساتھ کئے گئے عہد و پیمان کو توڑ دیا مذکورہ احادیث کی روشنی میں مومن اور منافق کی پہچان کا صرف ایک ہی معیار ہے کہ جو حضرت علی مشکل کشا علیہ السلام اور ان کی اولاد کے ساتھ عملی طور پر محبت اوردوستی رک ہے گا وہ مومن ہے اور جو انکے ساتھ دشمنی اور عداوت رک ہے گا وہ منافق ہے .
………………………………………………………….
1۔ ارشاد امام احمد ونسائی
2۔ ترمذی ونسائی و ابن ماجہ بروایت ام سلمہ اور کنزالعمال جلد2
3۔ امام احمد بروایت ام سلمہ والحاکم صححہ اور کنزالعمال جلد6
4۔ کنزالعمال بروایت امام احمد و حاکم جلد 6 ص 152
5۔عقد الفرید جلد 2
6۔ مسلم
٭٭٭
http://www.islaminurdu.com/category/history/prophet

عظمت دوجہاں محمد اور انسانی حقوق

موجودہ انسانی مصائب سے نجات ملنے کی واحد صورت یہی ہے کہ محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اس دنیا کے حکمران (رہنما) بنیں۔ یہ مشہور مغربی محقق و مفکر جارج برناڈ شا کا قول ہے اور یہ نبی اکرم کی ذات والا صفات کے بارے میں غیر متعصب اور غیر مسلم محققین اور مفکرین کی بے شمار آراء میں سے ایک ہے۔ جارج برناڈ شا ان لوگوں میں سے ہیں جو نبی اکرم ﷺ کی نبوت پر ایمان نہیں لائے پھر بھی وہ آپ کی عظمت کو تسلیم کرتا دکھائی دیتا ہے۔ آپ کی سچائی اور صداقت کا اعتراف صرف عرب تک محدود نہیں رہا بلکہ ساری دنیا کے دانشور اور مفکر جو اسلام کے ماننے والے بھی نہیں ہیں وہ بھی حضور کی عظمت و رفعت کا برملا اعتراف اور آپ کی عمدہ تعریف پر مجبور ہیں ، کارلائل ، نپولین ، رائٹر ، ٹالسائی ، گوئٹے ، لینن پول اور دیگر بے شمار ہندو دانشور آپ کی شان میں رطب اللسانہیں ، غیر مسلم دانشوروں کو مختلف آفاقی اور الہامی وغیر الہامی ، مذہبی تعصب کے باوجود وہ پیغمبر اسلام کو تمام پیغمبروں اور مسلمین میں کامیاب ترین پیغمبر اور مصلح تسلیم کرنا اور انسان کامل ماننا ہے۔ یہ ہے عظمت رسول کا ایک پہلو۔
آپ کا نام مبارک اور ان کی تعریف کا ذکر نہ صرف قرآن حکیم میں ہے بلکہ تمام آسمانی کتابوں میں بھی آپ کا تذکرہ آیا ہے۔
ہم مسلمانوں کا نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی عظمت و صفت ، حرمت و تقدس ، رفعت وناموس کے خلاف کسی بھی قسم کا سمجھو تہ یا چپ سادہ لینا تو دور کی بات ہے بلکہ حقیقت حال یہ ہے کہ آپ کی شان کے خلاف سوچ کا ایک لمحہ بھی ہماری دینی حمیت و غیرت کے منافی ہونے کے ساتھ ساتھ کسی مسلمان کا دائرہ کفر اور ارتداد میں داخلہ کے لیے کافی ہوتا ہے۔ ہمارے عقیدے اور ایمان کے مطابق ایسا کوئی بھی شخص خواہ وہ کتنا ہی متقی اور پرہیز گار مسلمان ہی کیوں نہ ہو اور اندہ درگاہ رب العالمین اور ہمیشہ کے لیے جہنم کا ایندھن بننے کا سزاوار ٹھہرتا ہے اور ہم مسلمانوں کے نزدیک نبی اکرم کی ذات مبارکہ ہمارے ایمان و عقیدہ کی پہلی بنیادی اساس ہونے کے ساتھ ساتھ بعد از بزرگ توئی کا نعرہ حق و صداقت ہے یہ ہے دوسرا پہلو۔
سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا حقوق انسانی یا آزادی صحافت کی آڑ میں عالمی سطح پر معتبر تسلیم شدہ ہستی ، بے داغ کر دار والی شخصیت اور انسان کامل کا سوقیانہ انداز میں ذکر اور کسی بھی استہزائی پیرائے سے اس پر اظہار خیال کیا جا سکتا ہے ؟
اور کیا کسی ایسی قبیح حرکت کو محض چند خود حیض وضع کر دہ نام نہاد اصطلاحوں کی بھینٹ چڑھایا جا سکتا ہے ؟ بالخصوص ایسی صورت میں آپ کے ہر مذہب و فکر و نظریہ کے غیر متعصب عالمی دانشور اس شخصیت کو انسانیت کا نجات دہندہ ، بہترین انسان اور رہنما تسلیم کرنے میں ہچکچاتے نہ ہوں اور ایسی شخصیت نبی کی ہو، ارب ہا انسان اس کے پیروکار ہوں اور جو اس ذات گرامی سے غیر مشروط وابستگی ، عشق اور شیفتگی رکھتے ہوں اور حقیقت بھی یہی ہے کہ تاجدار ختم نبوت کی غلامی اور ان کی حرمت و ناموس پر کٹ مرنا ہر مسلمان کی زندگی کی سب سے بڑی آرزو ہے ، وہ حضور کے نام اور ناموس پر مر مٹنے اور اس کی خاطر دنیا کی ہر چیز قربان کرنے کو اپنی زندگی کا ما حاصل سمجھتے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ مسلمان ملکوں کی عدالتوں نے شاتم رسول کو سزائے موت کا فیصلہ سنایا اور جن ملکوں میں مسلمانوں کی حکومت نہیں وہاں مسلمانوں نے رائج الوقت قانون کی پرواہ کیے بغیر گستاخان رسول کو کیفر کر دار تک پہنچایا اور خود ہنستے مسکراتے تختہ دار پر چڑھ گئی۔
مسلمانوں کے دلوں اور ذہنوں میں عظمت رسول کا تصور اور اطاعت رسول کا عمل ہی وہ بنیاد ہے جو امت مسلمہ کے ہر فرد کی رگوں میں خون بن کر دوڑ رہا ہے اور یہ حقیقت بھی ہے مسلمانوں کا یہی جذبہ اور اپنے نبی سے والہانہ لگاؤ ہے غیر مسلم اقوام کے دلوں میں کانٹا بن کر چبھتا چلا آ رہا ہے۔ غیر مسلم اقوام کسی نہ کسی طریقے سے مختلف حیلوں اور بہانوں سے امت مسلمہ کے افراد کے دلوں میں حب رسول کو کم سے کم کرنے کے درپے رہتی ہیں۔ تاریخ اس بات کی شہادت دیتی ہے۔
دور نہ جائیے گزشتہ چند سالوں کے عالمی واقعات سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ آج کے مہذب دور میں بوجود خاتم النبیین ہمارے آقا و رہبر حضرت اور ہمارے دین اسلام کے بارے میں ایک نیا عالمی انسانی اور مذہبی رویہ تخلیق کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ غیر مسلم ذرائع ابلاغ اسلام کے خلاف میڈیائی جارحیت سے مسلح نظر آتے ہیں۔ اغیار کی چالاکیوں کا عمل دخل تو واضح طور پر نظر آتا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ اپنوں کی کوتاہیوں ، بھول پن جو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
اندریں حالات مسلم ممالک کی حکومتوں ، دانش مندوں ، اہل عمل و فکر اور مقتدر طبقات کی ذمہ داریوں کا یہ برملا تقاضا ہے کہ وہ لیت و لعل کے بغیر حرمت اور عظمت رسول کے لیے سرگرم ہو جائیں اور انسان کامل حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی عزت اور تقدس مآبی پر انگشت نمائی کرنے والوں کے ہوش حکمت اور تدبیر سے ٹھکانے پر لانے کا اہتمام کریں اور باز نہ آنے والوں سے باز پرس کا عملاً بندوبست بھی کریں۔
عالمی سطح پر واضح کیا جائے کہ اسلام ایک مکمل دین ہے۔ اسلام کے ہاں حقوق انسانی کا جس انداز میں خیال رکھا ہے دوسرے مذاہب اور نظریات اور نام نہاد خود ساختہ اصلاحات اس سے عاری دکھائی دیتی ہیں۔
اور مادر پدر آزادی نہ انسان کا حق ہے اور نہ ہی حیوانوں جیسی آزادی ہے اس کو منزل مقصود حاصل ہوسکتی ہے۔ اسلام سلامتی، خیر خواہی ، محبت اخوت اور امن و سکون کا دین ہے۔ تعلیمات قرآن اور نبی پاک کی سیرت مطہرہ اس کا عملی مظہر ہے ذات رسول جسے خالق کائنات نے تمام جہانوں اور سب دنیاؤں کے لیے رحمت قرار دیا ہے ، ہی کی سیرت پاک ، وہ بنیادی کلید ہے جو گلوبلائزیشن کے دور سے گزرتی ہوئی انسانیت کے لیے راہبری اور راہنمائی کا کام دے سکتی ہے۔ یہ مہتم بالشان کام اسلامی سربراہی کانفرنس کے پلیٹ فارم سے ہونا چاہئے۔
ہم مسلمان ہیں ، ہمارے لیے خوشی غمی اور اپنے جذبات کے اظہار کا ایک طریق کار ہے جو ہمیں تعلیمات اسلام اور ہمارے نبی پاک کے عمل اور اسوہ مبارکہ سے حاصل ہوا ہے۔ اس کا برملا تقاضا ہے کہ امت مسلمہ کو اپنے افکار و اعمال کو پیش کرتے وقت حکمت اور موعظہ حسنہ یعنی بہترین انداز اور طریقہ کو اپنانا ہو گا۔ یہی سنت رسول اور حکم رسول ہے۔
ہمیں یہ جان لینا چاہیے کہ آج علم اور دلیل کی دنیا اور جمہوریت کا دور ہے ایسے میں ہم مسلمانوں کو جوش کے ساتھ ساتھ ہوش کی بھی پہلے سے کہیں زیادہ ضرور تھے۔ نبی اکرم کی ذات گرامی اور اسلامی تعلیمات کو مغرب اور غیر مسلم دنیا کے سامنے پیش کرتے وقت اعلیٰ اسلامی تعلیمات کو اجاگر کرتے رہنا ہو گا۔ آج کا دانشور یہ کہہ رہا ہے کہ انسانی حقوق ، انسانوں کی برابری کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ انسانی برادری اور انسانوں کے مابین تفریق کو ختم کرنے کا مسئلہ ہے۔
کسی دوسرے انسان کے حقوق کو عزت کی نگاہ سے دیکھنے کا مطلب یہ ہے کہ اس کی قدر و قیمت اس کے انسانی اوصاف کی بناء پر ہونی چاہیے نہ کہ اس کی شخصیت کی بناء پر ، اس میں ظاہری حد بندیوں ، اختلافات اور نظریاتی کشمکش کی عمل داری نہیں ہونی چاہئے۔ حقوق انسانی کے علم برداروں کی یہی دلیل برملا تقاضا کرتی ہے کہ نبی اکرم جو بلا شک و شبہ اللہ تعالیٰ کے بعد دنیا کے سب سے بلند ، اعلیٰ اور بہترین ہستی ہیں اور آپ کے انسان کامل اور سب سے بہترین انسان ہونے پر دنیا کا اجماع اور اتفاق ہے تو پھر وہ کونسی بات ہے جو مخالفین اور اسلام دشمنوں کو آپ کی توہین پر آمادہ کرتی ہے ؟ اور کیا ایسے بدبخت آزادی صحافت اور اس قسم کے دیگر نعروں کے علم بردار اشخاص کسی قسم کی رعایت کے مستحق ہوسکتے ہیں ؟
ظاہر ہے کسی کا استحقاق ملحوظ خاطر نہ رکھنے والوں کا نہ کوئی استحقاق ہوسکتا ہے اور نہ ہی کوئی حق۔ ایسے افراد ملعون ہوتے ہیں اور انسانیت کے نام پر دھبہ۔
حب رسول اور عشق رسول کے ذیل میں جوش ، غیرت اور محبت کے حوالے سے ذات رسالت مآب کی عزت و ناموس کی حرمت و حفاظت کے لیے آج کی امت مسلمہ کو اقوام متحدہ، کامن ویلتھ اور غیر جانبدار ممالک کی تحریک جیسے عالمی اداروں میں توہین رسالت مآب کے خلاف قرارداد منظور کرانے سے کم کسی چیز پر ہرگز راضی نہیں ہونا چاہیے اور واضح کیا جائے کہ اس قسم کی گھناؤنی اور قبیح حرکت کو عالم اسلام اپنے خلاف جنگ تصور کرے گا، عظمت و رفعت اور اسلامی تعلیمات کے فروغ کے ذیل میں ہوش کے حوالے سے حکمت و موعظت حسنہ کی روشنی میں تحقیق و تبلیغ کے لیے اعلیٰ تحقیقی ادارے برائے سیرت و ادب اسلامی وغیرہ تشکیل دینا چاہئیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سیرت مطہرہ علی صاحبہا التحیۃ السلام کے فروغ اور اشاعت کے لیے مسلمانوں کا ایک بین الاقوامی سطح کا ادارہ قائم کیا جائے۔ یہ ادارہ براہ راست او آئی سی کی نگرانی میں کام کرے۔ علاوہ ازیں جملہ مسلم ممالک اور مسلم اقلیتیں بھی اپنے اپنے ممالک میں عظمت و تحفظ ناموس رسالت کا کام کریں اور حسب ذیل اغراض و مقاصد کو سامنے رکھیں۔
٭ حضور ختم المرسلین و افضل النبیین محمد کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ پیش کرنا جن کی بدولت دنیا کو ظلمت سے نجات ملی اور ہدایت کی روشنی نصیب ہوئی۔
٭ عہد جدید کے انسان کی مدد کرنا تاکہ وہ اسوہ حسنہ کی روشنی میں اپنے کر دار و سیرت کی تشکیل کرسکے اور عہد حاضر کے مسائل کا حل تلاش کر سکی۔
٭ دانشوروں اور محققین میں اسلام کی روح بیدار کرنا تاکہ وہ آنحضرت کے ابدی پیغام کو نہایت مؤثر اور مناسب طور سے دنیا میں پھیلا سکیں۔
٭ آنحضرت کی عطا کردہ عالم گیر آفاقی قدروں مثلاً اخوت ،عدل اور احسان کو مد نظر رکھتے ہوئے آپ کی سوانح اور سیرت کی تعلیم و تحقیق کی حوصلہ افزائی کرنا۔
٭ اسلام اور پیغمبر اسلام کے بارے میں لاعلمی پر مبنی غلط فہمیوں اور تعصّبات کو دور کرنے کے لیے مناسب و مؤثر طریق کار وضع کرنا۔
اس جگہ اس بات کو بھی سمجھ لیا جائے کہ عبادات کی ادائیگی حقوق اللہ کے حوالے سے ہر انسان کا اپنے خالق سے ذاتی معاملہ ہے جس میں کمی اللہ رب العزت کے ہاں قابل مواخذہ ہونے میں کوئی کلام نہیں لیکن اللہ کی رحمت ہر شئے پر حاوی ہے ہم میں سے ہر ایک کو دعا کرنی چاہیے کہ وہ ہماری لغزش اور کوتاہی کو اپنی رحمت اور فضل سے معاف فرما دے اور یقیناً یہ اس کی رحمت سے بعید نہیں ہے۔ ہمیں اپنے حق میں اللہ سے عدل و انصاف سے زیادہ اس کے فضل و عنایت کی تمنا اور آرزو کرتے رہنا چاہئے۔
لیکن معاملات یعنی حقوق العباد میں جان بوجھ کر کوتاہی بہرطور اللہ کے قول کے مطابق ناقابل معافی عمل ہے۔ ہاں جب تک کہ فریق متاثرہ خود معاف نہ کر دے بے شمار احادیث میں باہمی معاملات میں کمی و کوتاہی کو دور کرنے پر زور دیا ہے۔ معاملات میں کجی کو ناپسندیدہ عمل گردانتے ہوئے اس پر سخت پکڑ اور وعید بھی سنائی گئی ہے۔ ہر مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے اس کی عزت اور اس کے جان و مال کا تحفظ اس کا دینی فریضہ ہے اس کے دکھ درد میں شریک ہونا اس کے لیے ایمان کا بنیادی تقاضہ ہے۔ مسلمانوں نے ان تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر عالم انسان کو ایک بہترین اسلامی معاشرہ سے آشنا کیا۔ ہمیں آج بھی ان تعلیمات پر پہلے سے کہیں زیادہ عمل کی ضرورت ہے۔
ہمیں یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ اللہ کے حضور جواب دہی کے وقت حقوق العباد کی باری پہلے آئے گی جب کہ حقوق اللہ کی باری بعد میں حقوق العباد کے بارے میں اسلامی تعلیمات کے صاف اور واضح اصولوں کی روشنی میں یہ حقیقت کھل کر سامنے آ جاتی ہے کہ انسانی حقوق کی پاسداری اور ان پر عمل درآمد نہ صرف دین کا تقاضا ہے بلکہ اس راہ پر چلنے والوں کے لیے بدرجہ عبادت ہے۔
اسلام میں عبادات ، معاملات ، حقوق و فرائض ، اقتصاد و معیشت اور تعلیم و معاشرت کا بھرپور سلسلہ اپنی تمام تر تابناکیوں سمیت میسر ہے۔ اسلام کے ہاں عبادت کا تصور بہت وسعت لیے ہوئے ہے۔ اس میں حقوق اللہ اور حقوق العباد کی تقسیم ہے۔ انفرادی اور اجتماعی عبادت بھی ہے غرضیکہ زندگی کے مختلف دائروں میں رہتے ہوئے ہر جائز کام اگر ذات باری تعالیٰ پر ایمان و یقین انفرادی و اجتماعی دنیا اور اخروی فوائد کے حصول کی نیت سے ادا کیا جائے تو وہ عبادت ہی کے زمرہ میں شمار ہوتا ہے۔ ہمیں ہر کام میں یہی اصول سامنے رکھ کر اپنے روزمرہ کے معمولات ادا کرنے چاہئیں کہ اسی میں دنیاوی اور اخروی فلاح ہے۔
http://www.islaminurdu.com/category/history/prophet

تحفظ عقیدہ ختم نبوت اور امت مسلمہ

کسی بھی مذہب کی شناخت کیلئے اس مذہب کے بانی کی راہنمائی، اس مذہب کی سب سے بڑی شناخت ہے۔ اس بناء پر ہر مذہب کے پیرو کار ان تعلیمات کو محفوظ کرنے کی کوشش کرتے ہیں ، جو اس مذہب کے بانی کی طرف سے براہ راست دی جاتی ہیں۔ حضرت آدم علیہ السلام کی زندگی سے ہمیں انکے مذہب کی تعلیمات ملے گی۔
یہی وجہ ہے کہ یہودی اپنی تعلیمات کو حضرت موسٰی کی طرف منسوب کرتے ہیں۔ اگر آج ان مذہب والوں سے کہے کہ آپ کی تعلیمات حضرت محمد رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق نہیں ہیں تو فوری طور پریہ عذر پیش کر دیتے ہیں کہ ہمارے مذہب کا ان سے کیا واسطہ ہمارے لیے تو حق اور صحیح بات وہ ہے جو حضرت موسٰی علیہ السلام یا حضرت عیسی علیہ السلام سے ملے اور ساری دنیا یہ عذر قبول کرتی ہے۔
اگرچہ حضرت موسٰی علیہ السلام اور حضرت عیسی علیہ السلام سے جو تعلیمات منسوب ہیں وہ ہزاروں واسطوں سے منسوب ہونے کی بناء پر حقانیت کے ترازو پر پورا نہیں اترتیں اور مختلف فرقوں میں بٹے ہونے کی وجہ سے ایک دوسرے کیلئے قابل قبول نہیں ہیں۔
اس اصول اور ضابطے کے مطابق پوری دنیا کو اسلامی تعلیمات کے ساتھ بھی یہی معاملہ کرنا چاہئیے۔
کہ اس کی حقیقت اور سچائی کو پرکھنے کے لئے اسلام کے بانی شارح نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ و سلم کی تعلیمات کی طرف رجوع کرنا چاہیئے مگر بد قسمتی سے جس طرح دیگر تمام معاملات میں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک رکھا جاتا ہے۔ اسی طرح اس معاملے میں بھی مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جاتا ہے۔ اور مسلمانوں کے تعین اور تشخص کے سلسلے میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تعلیمات کی طرف رجوع کرنے کی بجائے اپنے مفادات کو پیش نظر رکھا جاتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ جب قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا گیا تو امریکہ اور مسلم ممالک نے اس کو امتیازی قانون قرار دیتے ہوئے اس کو واپس لینے کا مطالبہ کیا کہ جب قادیانی خود کو مسلمان کہتے ہیں تو ان کو مسلمان کہنے کیوں نہیں دیا جاتا۔
جب کہ ان کے کفر عقائد کی وجہ سے مسلم ممالک کے 140 مذہبی سکالروں اور علمائے کرام نے دلائل کی روشنی میں ان کو کافر قرار دیا تھا کوئی ان سے پوچ ہے کہ مسلمان کی تعریف خاتم النبین محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تعلیمات سے ملیں گی یا مغربی ممالک اور اقوام متحد کے چارٹر سے ؟ تواس کا کوئی جواب نہیں ہے -
تعصب کی آنکھ سے مسلمان کے معاملات کو دیکھ کر اس کے بارے میں فیصلہ اپنے مفادات کی روشنی میں کیا جاتا ہے کہ وہ اقوام متحد ہ کے قانون کے مطابق اپنے لوگو ں کو حقوق دیں۔
بدھ مت کے پیروکاروں کو مجبور نہیں کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے مذہب کو اقوام متحد کے منشو رکے مطابق ڈھالیں۔
جاپان میں خود کشی کو مذہبی رسوم کے تحت ادا کرنے والوں کو مغرب کا کوئی قانون یا اقوام متحد کا چارٹر روکنے کی کوشش نہیں کرتا۔ مگر مسلمان پر پابندی ہے کہ وہ اپنے مذہب کی تشریح اقوام متحد ہ کے مطابق کریں ورنہ افغانستان حکو مت کی طرح ان کی حکو مت کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔
پاکستان کی امداد روک لی جائے گی یہی وجہ ہے کہ امریکہ نے پاکستان کی امداد کو قادیانیوں سے متعلق قوانین کو ختم کرنے سے اور ناموس رسالت صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے قانون کو تبدیل کرنے سے مشروط کیا مندرجہ ذیل بالا اصول کی روشنی میں جب ہم قادیانیوں کے عقائد پر نگاہ ڈالتے ہے تو وہ قرآن کریم کی دوسوآیات، نبی آخر الزمان صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی چار سو احادیث اور چودہ سو سالہ اجتماعات اور عقلی دلائل کے اعتبار سے دائرہ اسلام سے خارج اور ایک الگ ملت کی حیثیت سے رکھتے ہیں۔
اس سلسلے میں تفصیلات کیلئے محدث العصر علا مہ انور شاہ کشمیری کی کتاب"خاتم النبین،، مفتی محمد شفیع کی کتاب"ختم نبوت کامل"اور شہید اسلام مولانامحمدیوسف لدھیانوی کی کتاب"عقیدہ ختم نبوت"ملاحظہ کی جا سکتی ہیں۔ اس وقت دنیا جس دستورکے مطابق اپنا نظام چلا رہی ہے اور اقوام متحدہ کا جو منشور ہے اس کے مطابق کسی چیز کے تعین یا فیصلے کے تین طریقہ کار ہیں۔
(1) عدالت (2) عوامی رائے (3) اسمبلی قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کے سلسلے میں ہم سب سے پہلے عدلیہ کے فیصلوں کو ملاحظہ کرتے ہیں ، اس سلسلے میں سب سے پہلا مقدمہ ماریشس کی عدالت میں اس وقت دائر کیا گیا جب قادیانیوں نے "روز ہل"مسجد پر قبضہ کر کے مسلمانوں کو نماز پڑھنے سے روک دیا۔ اس آبادی میں 12 قادیانی جب کہ 500 مسلمان آباد تھے۔ مسلمانوں نے 26 فروری 1919ء کو سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ کئی سال مقدمہ چلتا رہا۔ 21 شہادتیں پیش کی گئیں۔ دوسرے ممالک سے فریقین نے مشہور وکلاء بلائے مقدمہ میں دعویٰ کیا گیا کہ : روز ہل کی مسجد جہاں مسلمان لوگ نماز پڑھتے تھے ، یہ مسجد انہوں نے تعمیر کی تھی اور مسلسل قابض چلے آ رہے تھے ، اس پر قادیانیوں نے قبضہ کر لیا، جن کا تعلق امت اسلامیہ سے نہیں ہے۔
قادیانی ہم مسلمان کو مسلمان نہیں سمجھتے ، ہمارے پیچ ہے ان کی نماز نہیں ہوتی، ایسی صورت میں ان کو مسجد سے نکال دیا جائے۔ تفصیلی بحث کے بعد19 نومبر 1927ء کو چیف جج سرائے ہر چیز ووڈ نے یہ فیصلہ سنایا۔
عدالت عالیہ اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ مدعہ علیہ(قادیانی) کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ "روز ہل"مسجد میں اپنی پسند کے امام کے پیچ ہے نماز ادا کریں ، اس مسجد میں صرف مدعی(مسلمان) نماز ادا کر سکیں گے ، اپنے اعتقادات الگ"اس عدالت کے ایک دوسرے جج ٹی اے روز نے بھی اس فیصلے سے اتفاق کیا۔
برصغیر میں قادیانی کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے کے سلسلے میں پہلا مقدمہ1925ء میں ڈسٹرکٹ جج بہاولنگر ریاست بہاولپور میں غلام عائشہ بنت مولوی الٰہی بخش کا تینسخ نکاح کے سلسلے میں دائر ہوا، جو عبد الرازاق قادیانی کے ساتھ لاعلمی میں ہو گیا تھا،
ابتدائی فیصلے کے بعد 1932ء میں یہ مقدمہ دوبارہ دائر کیا گیا، اس مقدمہ میں مولانا انور شاہ کشمیری شدید علالت اور ضعیف کے باوجود آئے اور عدالت میں اپنا بیان دیا۔
7 فروری1935ء کو عدالت نے تاریخی فیصلہ دیا"چونکہ مدعا علیہ مرتد ہو چکا ہے ، اس لئے ارتداد کی وجہ سے نکاح تنسیں ہو گیا"
قیام پاکستان کے بعد مختلف عدالتوں کی جانب سے ابتداء ہی سے اس قسم کی عدالتوں کی جانب سے ابتداء ہی سے اس قسم کے مقدمات میں قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا گیا، بعد ازاں بلوچستان ہائی کورٹ، لاہور ہائی کورٹ، سندھ ہائی کورٹ، سرحد ہائی کورٹ، سپریم کورٹ، وفاقی شرعی عدالت اور سپریم کورٹ شریعت اپیلٹ بینچ کی طرف سے بھی قادیانیوں کو دلائل کی بنیاد پر غیر مسلم اقلیت قرار دیا گیا۔
اسی طرح افریقہ کی کورٹ کی جانب سے بھی قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دے کر ان کی اپیل خارج کی گئی۔ یہ تو موجودہ کے مروجہ طریقے میں عدلیہ کے جائزے کا مختصر سا فیصلہ تھا، عوامی رائے کے مطابق دنیا بھر کے ایک عرب سے زائد مسلمانوں کی متفقہ آراء اور دنیا بھر کے تمام دینی اداروں کی جانب سے متفقہ فتاویٰ کے مطابق قادیانی غیر مسلم اقلیت میں داخل ہیں۔
مکہ مکرمہ میں ربیع الاول1974ء میں رابطہ عالم اسلامی کے تحت ایک کانفرنس ہوئی جس میں مسلم و غیر مسلم ممالک کی 144 مسلم تنظیموں کے سکالرز اور علمائے کرام شریک ہوئے۔ جس میں قادیانی عقائد کو واضح کر کے مسلمانوں کو آگاہ کیا گیا کہ ان کے ساتھ غیر مسلموں والا معاملہ کرتے ہوئے ، ان کی سرگرمیوں سے مسلمانوں کو بچانے کیلئے اقدامات کریں۔ گویا دنیا بھر کی عوامی رائے کی روشنی میں قادیانیوں کو ساتھ غیر مسلموں والا ہونا چاہئے۔
مروجہ طریقوں میں تیسرا طریقہ قومی اسمبلی کے ذریعہ فیصلہ کرنے کا ہے۔ اس سلسلے میں قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی۔ بعد ازاں قومی اسمبلی نے 7 ستمبر 1974ء کو متفقہ طور پر آئینی بل کے ذریعے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت دیکر پوری دنیا کے سامنے مسئلہ کو واضح کر دیا۔ اب ان تینوں مروجہ طریقوں سے قادیانیوں کے غیر مسلم اقلیت ہونے کے بعد نہ قادیانیوں کیلئے یہ مناسب ہے کہ وہ اپنے آپ کو مسلمان ظاہر کریں۔ اور نہ ہی غیر مسلم ممالک کے این جی اوز کے نمائندوں کو یہ زیب دیتا ہے کہ وہ اپنے فیصلے مسلمانوں پو ٹھونسنے کی کوشش کریں۔
پھر سب سے اہم بات یہ ہے کہ قادیانی جماعت کے جھوٹے مدعی نبوت مرزا غلام قادیانی نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت موسیٰ علیہ السلام اور دیگر انبیاء کرام کی ذات پر کیچڑ اچھالی ہے۔ اگر کوئی عیسائی کا یہودی اپنے مذہب پر صحیح معنوں میں عقیدہ کہتا ہو تو وہ کسی صورت میں قادیانیوں کی حمایت کا تصور تک نہیں کرسکتا۔ یہ تو مسلمان ہی ہیں کہ اپنے پیغمبر کے تقدس کے ساتھ دیگر انبیائے کرام علیہ السلام کے تقدس اور اس عظمت کے تحفظ کے لئے سر گرم ہیں۔
٭٭٭

ماخذ:
http://www.islaminurdu.com/category/history/prophet
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

سیرت مطہرہ