دو مائیں
عاشق الٰہی بلند شہری
حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا
حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سب سے پہلی بیوی ہیں جو حضرت فاطمہ رضی اللہ عنھا کی والدہ اور حضرت حسن وحسین رضی اللہ تعالیٰ عنھما کی نانی تھیں ۔ اُن کے والد کا نام خویلد، دادا کا نام اَسد اور والدہ کا نام فاطمہ اور نانی کا نام زائدہ تھا،نسباً قریشیہ تھیں،چالیس سال کی عمر میں حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے شادی کی، اُس وقت جنابِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی عمر شریف پچیس سا ل تھی۔ ( استیعاب و اصابہ )
سیدِ عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے نکاح میں آنے سے پہلے یکے بعد دیگرے دو شوہروں سے نکاح کر چکی تھیں اور ہر ایک سے اَولاد بھی ہوئی تھی۔ ایک شوہر ابوہالہ اور دُوسرے عتیق بن عائز تھے۔ اِس میں سیرت نگاروں کا اِختلاف ہے کہ اِن دونوں میں اوّل کون تھے اور دوم کون؟ صاحبِ استیعاب اِس اختلاف کو نقل کرنے بعد ابوہالہ کو اوّل اور عتیق کو دوم قرار دینے کو ترجیح دیتے ہوئے فرماتے ہیں : وَالْقَوْلُ الْاَوَّلُ اَصَحُّ اِنْشَآءَ اللّٰہُ تَعَالیٰ (پہلا قول ہی زیادہ صحیح ہے اِنشاء اللہ تعالیٰ )۔
حرمِ نبوت میں کیونکر آئیں
جب حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے دونوں شوہر یکے بعد دیگرے فوت ہو گئے تو اُن کی شرافت اور مالداری کی وجہ سے مکہ کا ہر شریف اِس کا متمنی ہوا کہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا سے عقد کرے لیکن ہوتا وہی ہے جو منظورِ خدا ہوتا ہے۔ خدا کا کرنا ایسا ہوا کہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کو اَشرف الخلائق صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے نکاحِ پُر فلاح میں آنا نصیب ہوا اور ام المؤمنین کے مکرم لقب سے نوازیں گئیں ۔
سیّدِ عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی عمر شریف جن پچیسویں برس کو پہنچی تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے چچا ابو طالب نے کہا کہ میں مالدار آدمی نہیں ہوں جو میں تم کو مال دے کر تجارت کراؤں اور چونکہ یہ دِن سختی سے گزر رہے ہیں اِس لیے کسبِ معاش میں لگنے کی ضرورت ہے۔ لہٰذا تم ایسا کرو جس طرح تمہارے قوم کے دُوسرے لوگ خدیجہ کا مال شام لے جا کر بیچتے ہیں اور اِس میں نفع کماتے ہیں اِسی طرح تم بھی اُن کا مال شام لے جا کر فروخت کر کے نفع حاصل کرو۔
جب حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کو اِس کی خبر لگی کہ محمد بن عبد اللہ الامین کو اُن کے چچا میرا مال شام لے جا کر فروخت کرنے کو فرما رہے ہیں تو اُنہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی دیانت و اَمانت داری اور معاملہ کی راست بازی کی وجہ سے خود ہی آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے پاس یہ پیغام بھیجا کہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم میرا مال شام لے جائیں ۔ دُوسروں کو جو نفع دیتی ہوں آپ کو اُس سے دُگنا نفع دُوں گی۔ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے منظور فرمایا اور اَسبابِ تجارت لے کر شام کو روانہ ہوئے۔ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے اپنا ایک غلام بھی آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ساتھ کر دیا تھا جس کا نام میسرہ تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے نہایت دانشمندی سے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے مال کی تجارت کی جس کی وجہ سے اُن کو گزشتہ پچھلے سالوں کی بہ نسبت اِس سال بہت زیادہ نفع ہوا۔
راستہ میں میسرہ نے آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بہت باتیں دیکھیں جو عام آدمیوں کی نہیں ہوتی ہیں جن کو عربی میں '' خَوَارِقُ الْعَادَةْ '' کہتے ہیں اور یہ بات بھی پیش آئی کہ جب آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے شام کے سفر میں ایک درخت کے نیچے قیام فرمایا تو وہاں ایک راہب بھی موجود تھا۔ اُس نے میسرہ سے دریافت فرمایا کہ یہ کون صاحب ہیں ؟ میسرہ نے کہا یہ مکہ کے باشندہ ہیں اور قریشی نوجوان ہیں ۔ راہب نے کہا یہ نبی ہوں گے جس کی وجہ یہ تھی کہ اُس راہب نے آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے اندر نبی آخر الزمان کی وہ علامتیں دیکھ لی تھیں جو پہلی کتابوں میں لکھی تھیں ۔
شام سے واپس ہو کر جب مکہ میں داخل ہو رہے تھے تو دوپہر کا وقت تھا۔ اُس وقت حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا اپنے بالا خانے میں بیٹھی ہوئی تھیں ۔ اُن کی نظر آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر پڑی تو دیکھا کہ دو فرشتے آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر سایہ کیے ہوئے ہیں اِس کے علاوہ اُنہوں نے اپنے غلام میسرہ سے بھی (اِسی قسم کے ) عجیب عجیب حالات سنے اَور رَاہب کا یہ کہنا بھی میسرہ نے سُنادیا کہ یہ نبی آخرالزماں ہوں گے۔ لہٰذا حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے خود ہی نکاح کا پیغام آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خدمت میں بھیج دیا۔
یعلیٰ بن اُمیہ کی بہن نفیسہ نامی پیغام لے کر گئیں ۔ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے منظور فرمایا اور آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے چچا حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ اور ابوطالب نے بھی بخوشی اِس کو پسند کیا۔ نکاح کیلیے حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ اور ابوطالب اور خاندان کے دیگر اکابر حضرت حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے مکان پر آئے اور نکاح ہوا۔ اُس وقت حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے والد زندہ نہ تھے وہ پہلے ہی فوت ہو چکے تھے۔ ہاں اِس نکاح میں اُن کے چچا عمرو بن اَسد شریک تھے اور اِن کے علاوہ حضرتِ خدیجہ رضی اللہ عنہا نے اپنے خاندان کے دیگر اکابر کو بھی بلایا تھا۔ عمرو بن اَسد کے مشورہ سے ٥٠٠ درہم مہر مقرر ہوا اور حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا ''اُمّ المؤمنین'' کے مشرف خطاب سے ممتاز ہوئیں ۔ (الاصابہ و اُسد الغابہ)
حضرت ابنِ عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ زمانۂ جاہلیت میں مکہ والوں کی عورتیں ایک خوشی کے موقع پر جمع ہوئیں ۔ اُن میں حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا بھی موجود تھیں ۔ اچانک وہیں ایک شخص ظاہر ہو گیا جس نے بلند آواز سے کہا کہ اے مکہ کی عورتوں ! تمہارے شہر میں ایک نبی ہو گا جسے'' احمد'' کہیں گے تم میں سے جو عورت اُن سے نکاح کرسکے ضرور کر لے۔ یہ باتیں سن کر دُوسری عورتوں نے بھول بھلیّو ں میں ڈال دی اور حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے گرہ باندھ لی اور اِس پر عمل کر کے کامیاب ہو کر رہیں ۔ (الاصابہ)
حضرت خدیجہ سب سے پہلے اِسلام لائیں اور اِسلام کے فروغ میں پوری طرح حصّہ لیا
حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کو یہ مَنْقبَتْ حاصل ہے کہ وہ سب سے پہلے مسلمان ہوئیں یعنی حضور اَقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی دعوتِ اسلام تمام اِنسانوں سے پہلے اِنہوں نے قبول کی۔ اِن سے پہلے نہ کوئی مرد اِسلام لایا نہ عورت نہ بوڑھا نہ بچہ۔
صاحبِ مشکوٰة الا کمال فی اسما ء الرجال میں لکھتے ہیں
وَھِیَ اَوَّلُ مَنْ اٰمَنَ مِنْ کَافَّةِ النَّاسِ ذَکَرِھِمْ وَاُنْثَاھُمْ ۔
'' تمام اِنسانوں سے پہلے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا اِسلام لائیں ۔ تمام مردوں سے بھی اور تمام عورتوں سے بھی پہلے۔''
وَمِثْلُہ فِی الْاِسْتِیْعَابِ حَیْثُ قَالَ نَاقِلاً عَنْ عُرْوَةَ اَوَّلُ مَنْ اٰمَنَ مِنَ الرِّجَالِ وَالنِّسَآءِ خَدِیْجَةُ بِنْتُ خُوَیْلِدٍ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالیٰ عَنْھَا۔
حافظ ابنِ کثیر رحمہ اللہ تعالیٰ البدایہ میں محمد بن کعب سے نقل فرماتے ہوئے لکھتے ہیں
اَوَّلُ مَنْ اَسْلَمَ مِنْ ھٰذِہِ الْاُمَّةِ خَدِیْجَةُ وَاَوَّلُ رَجُلَیْنِ اَسْلَمَا اَبُوْبَکْرٍ وَعَلِیّ
''اُمت میں سب سے پہلے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے اسلام قبول کیا۔ اور مردوں میں سب سے پہلے اِسلام قبول کرنے والے حضرت ابوبکر و حضرت علی رضی اللہ عنہما ہیں ۔''
ایک مرتبہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے ایک سوال کے جواب میں فرمایا
وَقَدْ اٰمَنَتْ بِیْ اِذْ کَفَرَ بِیَ النَّاسُ وَصَدَّقَتْنِیْ اِذْکَذَّبُوْنِیْ وَاٰنَسَتْنِیْ بِمَالِھَا اِذْ حَرُمَنِیَ النَّاسُ وَرَزَقَتْنِیَ اللّٰہُ وُلْدَھَا اِذْ حَرُمَنِیْ اَوْلَادُ النِّسَآءِ ۔(البدایہ)
''وہ مجھ پر ایمان لائیں جب لوگ میری رسالت کے منکر تھے اَور اُنہوں نے میری تصدیق کی جبکہ لوگوں نے مجھے جھٹلایا اور اُنہوں نے اپنے مال سے میری ہمدردی کی جبکہ لوگوں نے مجھے اپنے مالوں سے محروم کیا اور اُن سے مجھے اللہ نے اَولاد نصیب فرمائی جبکہ دُوسری عورتیں مجھ سے نکاح کر کے اپنی اَولاد کا باپ بنانا گوارہ نہیں کرتی تھیں ۔ ''
اِسلام کے فروغ میں حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کا بہت بڑا حصّہ ہے۔ نبوت سے پہلے حضور اَقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم تنہائی میں عبادت کرنے کے لیے غارِ حرا میں تشریف لے جایا کرتے تھے اور حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے لیے کھانے پینے کا سامان تیار کر کے دے دیا کرتی تھیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم غارِ حرا میں کئی کئی رات رہتے تھے۔ جب خوردو نوش کا سامان ختم ہو جاتا تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم تشریف لاتے اور سامان لے کر واپس چلے جاتے تھے۔
ایک دِن حسبِ معمول آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم حراء میں مشغولِ عبادت تھے کہ فرشتہ آیا اور اُس نے کہا اِقْرَأْ یعنی پڑھیے۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے کہا کہ میں پڑھا ہوا نہیں ہوں ۔ فرشتہ نے آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو پکڑ کر اپنے سے چمٹا کر خوب زور سے بھینچ کر چھوڑ دیا اور پھر کہا اِقْرَأْ (پڑھیے) آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے وہی جواب دیا میں پڑھا ہوا نہیں ہوں ۔ فرشتہ نے دوبارہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو اپنے سے چمٹا کر خوب زور سے دبا کر چھوڑ دیا اور پھر پڑھنے کو کہا۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے پھر وہی جواب دیا کہ میں پڑھا ہوا نہیں ہوں ۔ فرشتہ نے پھر تیسری مرتبہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو پکڑ کر اپنے سے چمٹایا اور خوب زور سے دبا کر آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو چھوڑ دیا اور خود پڑھنے لگا۔
اِقْرَأْ بِاسْمِ رَبِّکَ الَّذِیْ خَلَقَ o خَلَقَ الْاِنْسَانَ مِنْ عَلَقٍ o اِقْرَأْ وَرَبُّکَ الْاَکْرَمُ o الَّذِیْ عَلَّمَ بِالْقَلَمِ o عَلَّمَ الْاِنْسَانَ مَالَمْ یَعْلَمْ o
یہ آیات سن کر آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے یاد فرما لیں اور ڈرتے ہوئے گھر تشریف لائے۔
حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہاسے فرمایا زَمِّلُوْنِیْ زَمِّلُوْنِیْ (مجھے کپڑا اُڑھا دو مجھے کپڑا اُڑھا دو) اُنہوں نے آ پ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو کپڑا اُڑھا دیا اور کچھ دیر بعد وہ خوف کی طبعی کیفیت جاتی رہی۔ اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کو اپنا سارا واقعہ سنا کر فرمایا لَقَدْ خَشِیْتُ عَلیٰ نَفْسِیْ (مجھے اپنی جان کا خوف ہے )۔
عورتیں کچی طبیعت کی ہوتی ہیں مرد کو گھبرایا ہوا دیکھ کر اُس سے زیادہ گھبرا جاتی ہیں لیکن حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا ذرا نہ گھبرائیں اور تسلی دیتے ہوئے خوب جم کر فرمایا
کَلَّا وَاللّٰہِ لَایُخْزِیْکَ اللّٰہُ اَبَداً اِنَّکَ لَتَصِلُ الرَّحِمَ وَتَحْمِلُ الْکَلَّ وَتَکْسِبُ الْمَعْدُوْمَ وَتَقْرِی الضَّیْفَ وَتُعِیْنُ عَلیٰ نَوَائِبِ الْحَقِّ ۔
''خدا کی قسم ہرگز نہیں ایسا نہیں ہوسکتا کہ اللہ تمہاری جان کو مصیبت میں ڈال کر تم کو رُسوا کرے(آپ کی صفات بڑی اچھی ہیں ایسی صفات والا رُسوا نہیں کیا جاتا)آپ صلہ رحمی کرتے ہیں اور مہمان نوازی آپ کی خاص صفت ہے۔ آپ بے بس و بے کس آدمی کا خرچ برداشت کرتے ہیں اور عاجزو محتاج کی مدد کرتے ہیں اور مصائب کے وقت حق کی مدد کرتے ہیں ۔''
اِس کے بعد حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو اپنے چچا زاد بھائی ورقہ بن نوفل کے پاس لے گئیں اور اُن سے کہا کہ اے بھائی ! سنو یہ کیا کہتے ہیں ؟ ورقہ بن نوفل بوڑھے آدمی تھے بینائی جاتی رہی تھی عیسائیت اختیار کیے ہوئے تھے۔ اُنہوں نے حضورِ اَقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے دریافت کیا کہ آپ نے کیا دیکھا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اُن کو پوری کیفیت سے آگاہ فرمایا تو اُنہوں نے کہا
ھٰذَا النَّامُوْسُ الَّذِیْ اَنْزَلَ اللّٰہُ عَلیٰ مُوْسیٰ یَا لَیْتَنِیْ فِیْھَا جَذَعاً یَالَیْتَنِیْ اَکُوْنُ حَیًّا اِذْ یُخْرِجْکَ قَوْمُکَ ۔ (بخاری شریف ص ٣ )
''یہ تو وہی راز دار فرشتہ جبرائیل ہے جسے اللہ نے موسی (علیہ السلام ) پر نازل کیا تھا۔ کاش اُس وقت نوجوان ہوتا (جب آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی دعوتِ دین کا ظہور ہو گا ) کاش میں اُس وقت تک زندہ رہتا جب آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی قوم آپ کو نکال د ے گی۔''
حافظ ابنِ کثیر نے البدایہ میں بحوالہ بیہقی یہ بھی نقل کیا ہے کہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے حضور اَقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے نبوت کے بالکل ابتدائی دور میں یہ بھی عرض کیا کہ آپ ایسا کرسکتے ہیں کہ جب فرشتہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے پاس آئے تو آپ مجھے اطلاع فرما دیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا ہاں ایسا ہوسکتا ہے۔ عرض کیا کہ اَب آئے تو بتلایئے گا۔ چنانچہ حضرت جبرائیل علیہ السلام تشریف لائے تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا: اے خدیجہ یہ ہیں جبرائیل علیہ السلام۔ اُنہوں نے عرض کیا اِس وقت آپ کو نظر آرہے ہیں ؟ فرمایا ہاں ! عرض کیا آپ اُٹھ کر میری داہنی طرف بیٹھ جائیں ۔چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے منظور فرمایا اور اپنی جگہ سے ہٹ کر اُن کی داہنی طرف بیٹھ گئے۔ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے پوچھا اِس وقت بھی آپ کو جبرائیل نظر آرہے ہیں ؟ فرمایا ہاں نظر آرہے ہیں ۔ عرض کیا آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم میری گود میں بیٹھ جائیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ایسا ہی کیا جب آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اُن کی گود میں بیٹھ گئے تو دریافت کیا۔ کیا اَب بھی آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو جبرائیل علیہ السلام نظر آرہے ہیں ؟ فرمایا ہاں نظر آرہے ہیں ۔اِس کے بعد حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے اپنا دوپٹہ ہٹا کر سرکھولا اور دریافت کیا ۔ کیا آپ اَب بھی حضرت جبرائیل علیہ السلام نظر آرہے ہیں ؟ فرمایا اَب تو نظر نہیں آتے یہ سن کر حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے عرض کیا یقین جانیے یہ فرشتہ ہی ہے۔ آپ ثابت قدم رہیں اور نبوت کی خوشخبری قبول فرمائیں (اگر یہ شیطان ہوتا تو میرا سردیکھ کر غائب نہ ہو جاتا چونکہ فرشتہ ہی ہے اِس لیے شرما گیا)۔
اِس واقعہ سے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی دانشمندی کا پتہ چلتا ہے۔ نبوت مل جانے کے بعد جب آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اِسلام کی دعوت دینی شرع کی تو مشرکین مکہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے دُشمن ہو گئے اور طرح طرح سے آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو ستانا شروع کر دیا،ساری قوم آپ کی دشمن اور عزیزو اَقربا بھی مخالف۔ایسے مصیبت کے زمانے میں آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے غم خوار صرف آپ کے چچا ابو طالب اور اہلیہ محترمہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا تھیں ۔ حافظ ابن کثیر البدایہ میں لکھتے ہیں
وَکَانَتْ اَوَّلُ مَنْ اٰمَنَ بِاللّٰہِ وَرَسُوْلِہ وَصَدَّقَتْ بِمَا جَآئَ مِنْہُ فَخَفَّفَ اللّٰہُ بِذَالِکَ عَنْ رَّسُوْلِہ لَا یَسْمَعُ شَیْئاً یَکْرَھُہ مِنْ رَدٍّ عَلَیْہِ وَتَکْذِیْبٍ لَّہ فَیَحْزِنُہ ذٰلِکَ اِلَّا فَرَّجَ اللّٰہُ عَنْہُ اِذَا رَجَعَ اِلَیْھَا تُثَبِّتُہ وَتُخَفِّفُ عَنْہُ وَتُصَدِّقُہ وَ تُھَوِّنُ عَلَیْہِ اَمْرَالنَّاسِ ۔
''حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا اللہ اوررسول پر سب سے پہلے ایمان لانے والی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے دین کی تصدیق کر نے والی تھیں ۔ اُن کے اسلام قبول کرنے سے اللہ نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مصیبت ہلکی کر دی (جس کی تفصیل یہ ہے) کہ جب دعوتِ اسلام دینے پر آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو اُلٹا جواب دیا جاتا اور آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو جھٹلایا جاتا تو اِس سے آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو رنج پہنچتا ۔ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے ذریعہ اللہ تعالیٰ اِس رنج کو دُور فرما دیتے تھے۔ جب آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم گھر میں تشریف لاتے تو وہ آپ کی ہمت مضبوط کر دیتی تھیں اور رنج ہلکا کر دیتی تھیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تصدیق بھی کرتیں اور لوگوں کی مخالفت کو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے سامنے بے جان بنا کر بیان کرتی تھیں ۔''
سیرت ابنِ ہشام میں حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے متعلق لکھا ہے
وَکَانَتْ لَہ وَزِیْر صِدْق عَلَی الْاِسْلَامِ
''حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہااِسلام کے لیے آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے لیے مخلص وزیر کی حیثیت رکھتی تھیں ۔''
ہر وہ مصیبت جو حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو دعوتِ اسلام میں پیش آتی حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا پوری طرح اُس میں آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شر یکِ غم ہوتیں اور آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ساتھ خود بھی تکلیفیں سہتی تھیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ہمت بندھا نے اور بلند ہمتی کے ساتھ ہر آڑے وقت میں آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا ساتھ دینے میں اِن کو خاص فضیلت حاصل ہے۔
شعبِ ابی طالب میں رہنا
ایک مرتبہ مشرکینِ مکہ نے آپس میں یہ معاہدہ کیا کہ سارے بنو ہاشم اور بنو عبدالمطلب کا بائیکاٹ کیا جائے۔ نہ اُن کو کوئی شخص اپنے پاس بیٹھنے دے، نہ اُن سے بات کرے، نہ خرید و فروخت کرے، نہ اُن کو اپنے گھر آنے دے اور اُس وقت تک صلح نہ کی جائے جب تک یہ لوگ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو قتل کرنے کے لیے ہمارے حوالہ نہ کر دیں ۔ یہ معاہدہ زبانی باتوں ہی پر ختم نہیں ہوا بلکہ تحریری معاہدہ لکھ کر کعبہ محترمہ پر لٹکا دیا گیا تاکہ ہر شخص اِس کا احترام کرے۔
اِس معاہدہ کی وجہ سے آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور سارے بنو ہاشم اور بنو عبد المطلب تین سال تک دو پہاڑوں کے درمیان ایک گھاٹی میں رہے۔اِس تین برس میں اُن کو فاقوں پر فاقے گزرے ۔ مرد و عورت سب ہی بھوک سے بیتاب ہو کر روتے اور چیختے چلاتے تھے جس کی وجہ سے اُن کے والدین کو اور بھی زیادہ دُکھ ہوتا تھا۔ حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بیوی حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا اور آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی اَولاد سب ہی اِس گھاٹی میں رہے اور دعوتِ دین کے لیے فاقے جھیلے اور مصیبت کے دِن کاٹے۔ آخر تین سال کے بعد معاہدہ والی تحریر کو دِیمک کھا گئی تب اُن حضرات کو اُس گھاٹی سے نکلنا نصیب ہوا۔ (البدایہ)
اِسلام کے فروغ میں حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کا مال بھی لگا
حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خدمت گزاری اور دِلداری میں بھی کوئی دقیقہ اُٹھا نہیں رکھا تھا اور اپنے مال کو بھی اِسلام اور دَاعی اِسلام کی ضروریات کے لیے اِس طرح پیش کر دیا تھا جیسے اُس مال میں خود کو مالکیت کا حق ہی نہیں رہا۔ قرآن مجید میں اللہ جل شانہ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو خطاب فرمایا ہے : وَوَجَدَکَ عَآئِلاً فَاَغْنیٰ اور تم کو اللہ نے بے مال والا پایا پس غنی کر دیا۔اِس کی تفسیر میں مفسرین لکھتے ہیں : ای بمال خدیجة یعنی اللہ تعالیٰ نے آپ کو خدیجہ رضی اللہ عنہا کے مال کے ذریعہ غنی کر دیا۔ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے پاس جو مال تھا وہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ہی کا سمجھتی تھیں اُن کے مال خرچ کرنے کے احسان کا آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے دِل پر بہت اثر تھا۔ ایک مرتبہ اُن کے اِس اِحسان کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا وَاَعْطَتْنِیْ مَالَھَا فَاَنْفَقْتُہ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ یعنی اُنہوں نے اپنا مال مجھے دیا جسے میں نے اللہ کے راہ میں خرچ کیا۔
حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ مکّہ میں فروخت کیے جا رہے تھے۔ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے اِن کو اپنے مال سے خرید کر آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خدمت میں پیش کر دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اِن کو آزاد کر کے اپنا بیٹا بنا لیا تھا۔ حضرت زید رضی اللہ عنہ بھی سابقینِ اوّلین میں سے ہیں ۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ساتھ تمام غزوات میں شریک رہے ہیں ۔ اُن کو غلامی سے چھڑا کر اِسلام کے کاموں میں لگا دینے کا ذریعہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا ہی بنیں ۔
١ بنو ہاشم اور بنو عبدالمطلب میں جو لوگ کافر تھے وہ بھی حمیتِ قومی کی وجہ سے اس مصیبت میں شریک ہوئے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو قتل کرنے کے لیے حوالے کر دینے پر آمادہ نہ ہوئے۔
نماز پڑھنا
حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی زندگی میں پنج وقتہ نمازیں فرض نہ ہوئی تھیں اِن کی وفات کے بعد آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو معراج ہوئی تب یہ نمازیں فرض ہوئیں، البتہ مطلق نماز پڑھنا ضروری تھا جسے وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ساتھ پڑھا کرتی تھیں ۔ حافظ ابنِ کثیر لکھتے ہیں کہ جب مطلق نماز فرض ہوئی تو حضرت جبرائیل علیہ السلام آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے پاس تشریف لائے اور ایک جگہ اپنی اَیڑی ماری جس سے چشمہ اُبل نکلا۔ پھر دونوں نے اِس میں وضو کیا اور حضرت جبرائیل علیہ السلام نے دو رَکعتیں پڑھیں ۔ حضرت جبرائیل علیہ السلام سے وضو اور نمازسیکھ کر آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم دولت کدہ پر تشریف لائے اور حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کا ہاتھ پکڑ کر اُس چشمہ پر لے گئے اور حضرت جبرائیل علیہ السلام کی طرح اُن کے سامنے وضو کیا اور دو رَکعت پڑھیں ۔ اِس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا پوشیدہ نماز پڑھا کرتے تھے۔ (البدایہ)
عفیف کندی کا بیان ہے کہ میں حج کے موقع پر عباس بن عبد المطلب کے پاس آیا۔ وہ تاجر آدمی تھے مجھے اُن سے خرید و فروخت کا معاملہ کرنا تھا اچانک نظر پڑی کہ ایک شخص ایک خیمہ سے نکل کر کعبہ کے سامنے نماز پڑھنے لگا۔ پھر ایک عورت نکلی اور اُن کے پاس آئی وہ بھی (اُن کے پاس ) نماز پڑھنے لگی اور ایک لڑکا بھی نکل کر آیا وہ بھی (اُن کے پاس )نماز پڑھنے لگا۔ یہ ماجرہ دیکھ کر میں نے کہا اے عباس! یہ کونسا دین ہے ؟ ہم تو آج تک اِس سے واقف نہیں ہیں ۔ حضرت عباس رضی اللہ عنہ نے جواب دیا (جو اُس وقت مسلمان نہیں ہوئے تھے) یہ نوجوان محمد بن عبداللہ ہے جو دعوی کرتا ہے کہ خدا نے اِسے پیغمبر بنا کر بھیجا ہے اور یہ کہتا ہے کہ قیصر و کسریٰ کے خزانے اِس کے ہاتھوں فتح ہوں گے اور یہ عورت اُس کی بیوی خدیجہ رضی اللہ عنہا بنتِ خویلد ہے جو اِس پر ایمان لا چکی ہے اور یہ لڑکا اِس نوجوان کا چچیرا بھائی ہے علی بن ابی طالب ہے جو اِس پر ایمان لا چکا ہے۔ عفیف کہتے ہیں کاش میں اُسی روز مسلمان ہو جاتا تو (بالغ مسلمانوں میں ) دُوسرا مسلمان شمار ہوتا۔(البدایہ)
حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی اَولاد
حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کو یہ خصوصیت بھی حاصل ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی اَولاد صرف اِن ہی سے پیدا ہوئی اور کسی بیوی سے اَولاد ہوئی ہی نہیں ۔ صرف ایک صاحبزادے حضرت ابراہیم رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی باندی حضرت ماریہ قبطیہ رضی اللہ عنہا کے بطن سے پیدا ہوئے۔ مؤرخین اور محدثین کا اِس پر اتفاق ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی چار لڑکیاں ہوئیں اور اکثر کی تحقیق یہ ہے کہ اُن میں سب سے بڑی حضرت زینب پھر حضرت رُقیہ حضرت اُم کلثوم پھر حضرت فاطمہ زہرا ء رضی اللہ تعالیٰ عنہن تھیں ۔
آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے لڑکے کتنے تھے؟ اِس میں اِختلاف ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ وہ سب بچپن ہی میں وفات پا گئے اور عرب میں اُس زمانہ میں تاریخ کا خاص اہتمام نہ تھا۔ اِس لیے یہ اَمر پوری طرح ایسا محفوظ نہ رہ سکا جس میں اِختلاف نہ ہوتا۔اکثر علماء کی تحقیق ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے تین صاحبزادے پیدا ہوئے۔ دو صاحبزادے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہاسے اور ایک صاحبزادے حضرت ماریہ قبطیہ رضی اللہ عنہا سے۔ اِس اعتبار سے آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی چھ اَولاد حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا سے پیدا ہوئیں، دو لڑکے اور چار لڑکیاں ۔
حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا سے جو دو لڑکے پیدا ہوئے اُن میں سب سے پہلے حضرت قاسم رضی اللہ عنہ تھے۔ اِن ہی کے نام سے آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی کنیت ''ابوالقاسم'' مشہور ہوئی۔ یہ نبوت سے پہلے مکہ ہی میں پیدا ہوئے اَور وہیں انتقال ہوا۔ اُس وقت پاؤں چلنے لگے تھے، ڈیڑھ دوسال زندہ رہے۔ حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے دُوسرے صاحبزادے جو حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا سے پیدا ہوئے اُن کا نام عبد اللہ تھا۔ اُنہوں نے بھی بہت کم عمر پائی اور بچپن ہی میں وفات پا گئے، اِن کی پیدائش نبوت کے بعد ہوئی تھی اِس لیے اُن کا لقب ''طیب'' بھی پڑا اور'' طاہر'' بھی(دونوں کے معنی پاکیزہ کے ہیں )۔
فضائل
حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا پاکیزگی ٔاخلاق کی وجہ سے اِسلام سے پہلے ہی ''طاہرہ'' کے لقب سے مشہور تھیں پھر حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی نکاح میں آ کر اُنہوں نے جو اپنی دانشمندی و عقلمندی اور خدمت گزاری سے جو فضائل حاصل کیے ہیں اُن کا تو کہنا ہی کیا ہے۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بیویوں میں سے کسی بیوی پر بھی مجھے اِتنا رَشک نہیں جتنا حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا پر آتا تھا حالانکہ میں نے اُن کو دیکھا بھی نہیں تھا۔ اِس رَشک کی وجہ یہ تھی کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اُن کو اکثر یاد فرمایا کرتے تھے۔ اور اکثر یہ بھی ہوتا کہ آپ بکری ذبح فرماتے تو اُس میں سے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی سہیلیوں کو تلاش کر کے گوشت بھجواتے تھے،ایسے موقع پر بعض مرتبہ میں نے کہا کہ آپ کو اُن کا ایسا خیال ہے جیسے دُنیا و آخرت میں اُن کے علاوہ آپ کی اور کوئی بیوی ہی نہیں ۔ یہ سن کر حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اِرشاد فرمایا۔ وہ ایسی اچھی تھیں ایسی اچھی تھیں اور اُن سے میری اَولاد ہوئی۔ سبحان اللہ وفاداری اور یاد گاری کی یہ مثال کہاں ملے گی کہ صاحبِ محبت کے وفات پا جانے پر اُس کے دوستوں سے وہ برتاؤ رکھا جائے جسے وہ خود زِندگی میں اپنے دوستوں سے رکھتا اور اُس پر خوش ہوتا۔
ایک مرتبہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خدمت میں کھانا ١ اور سالن لے کر جا رہی تھیں ۔ ابھی پہنچنے بھی نہ پا ئی تھیں کہ حضرت جبرائیل علیہ السلام آپ کے پاس آئے اور عرض کیا حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا آ رہی ہیں وہ آپ کے پاس پہنچ جائیں تو اُن کو اللہ کا اور میرا سلام پہنچا دیجئے اور اُن کو جنت کا ایسا مکان مل جانے کی خوشخبری سنا دیجئے جو موتیوں کا ہو گا جس میں نہ ذرا شور و شغب ہو گا نہ ذرا تکلیف ہو گی۔ ٢
جنت میں خلافِ طبع اور مکروہ آواز تو کسی کے کان میں بھی نہ آئے گی مگر خصوصیت کے ساتھ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کو جو ایسے مکان کی بشارت دی گئی یہ غالباً اِس لیے کہ دشمنانِ اِسلام اور داعی ٔاِسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے خلاف جو طرح طرح کی باتیں کرتے تھے وہ اُن کے کانوں میں پڑتی تھیں اُن کی وجہ سے جو سخت کوفت ہوتی تھی اُس کی وجہ سے تسلی دینے کے لیے یہ خصوصی بشارت دی گئی۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہماسے مروی ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اِرشاد فرمایا کہ جنت کی عورتوں میں سب سے افضل خدیجہ بنت خویلد اور فاطمہ بنت محمد ( صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ) اور مریم بنت عمران اور آسیہ بنت مزاحم فرعون کی بیوی ہیں (الاصابہ)۔
ایک روایت میں ہے کہ حضرت عائشہ ر ضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم گھر میں تشریف لا کر گھر سے باہر نہیں جایا کرتے تھے جب تک حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کا تذکرہ نہ فرما لیتے تھے۔ ایک مرتبہ(لمعات میں لکھا ہے کہ )یہ کھانا حضرت خدیجہ غارِ حرا میں لے جا رہی تھیں اور یہ نبوت مل جانے کے بعد کی بات ہے کیونکہ نبوت مل جانے کے بعد بھی آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا غارِ حرا میں آنا جانا رہا ہے ۔ ٢ بخاری ومسلم، الاستیعاب میں لکھا ہے کہ ایک مرتبہ حضرت جبرائیل علیہ السلام نے آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے عرض کیا کہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کو اُس کے رب کا سلام پہنچا دیجئے چنانچہ آپ نے پہنچا دیا۔ اُس کے جواب میں حضرت خدیجہ نے کہا اَللّٰہُ السَّلَامُ وَمِنْہُ السَّلَامُ وَعَلیٰ جِبْرِیْلَ السَّلَامُ یعنی اللہ کے سلام کا جواب کیا دُوں وہ تو خود سلام ہے اور اُسی سے سلامتی ملتی ہے۔ سلام لانے ولے جبرائیل علیہ السلام پر سلام ہو )
جو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اُن کا ذکر فرمایا تو مجھے عورتوں والی غیرت سوار ہوئی۔ میں نے عرض کیا کہ ایک بڑھیا کو آپ یاد کرتے ہیں تو آپ بہت ناراض ہوئے۔اِس کے بعد میں نے یہ طے کر لیا کہ کبھی حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کو برائی سے یاد نہ کروں گی (الاصابہ ) ۔ جب تک حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا زندہ رہیں آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے کسی اور عورت سے نکاح نہیں کیا۔ اُن کی وفات کے بعد حضرت سودہ اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہم سے نکاح ہوا۔
وفات
حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے ١٠ نبوی میں بماہِ رمضان المبارک مکہ میں وفات پائی۔ اُس وقت اُن کی عمر ٦٥ سال تھی۔ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی صحبت میں کم و بیش ٢٥ سال رہیں ۔ ١٥ سال آپ کی نبوت سے پہلے اور دس برس نبوت مل جانے کے بعد، جس وقت اُن کی وفات ہوئی نمازِ جنازہ کا حکم نازل نہیں ہوا تھا، کفن دے کر حَجُوْن میں دفن کر دی گئیں جسے اَب'' جَنَّتُ الْمُعَلّیٰ'' کہتے ہیں ۔ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا وَاَرْضَاھَا
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا
یہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی صاحبزادی ہیں۔ والدہ کے نام میں اختلاف ہے بعض نے زینب بتایا ہے لیکن وہ اپنی کنیت ''اُمِ رُومان '' سے مشہور ہیں۔
آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم کی صرف یہی ایک بیوی ہیں جن سے کنوارے پن میں آپ نے نکاح کیا۔ اِن کے علاوہ آپ کی تمام بیویاں بیوہ تھیں۔ آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم کو نبوت ملنے کے چار پانچ سال بعد اِن کی ولادت ہوئی اور چھ سال کی عمر میں آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم سے نکاح ہوا اور نو سال کی عمر میں رخصتی ہوئی۔ نکاح مکہ معظمہ میں ہوا اَور رُخصتی ہجرت کے بعد مدینہ منورہ میں ہوئی۔
آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم کی خدمت میں نو سال رہیں جس وقت سیدِ عالم صلی الله علیہ و آلہ وسلم نے مَلَائِ الْاَعْلٰی کا سفر اختیار فرمایا اُس وقت اِن کی عمر ١٨ سال تھی۔ ( اصابہ۔جمع الفوائد۔ بخاری شریف)
نکاح
جب حضرت خدیجہ رضی اللہ عنھا کی وفات ہو گئی تو حضرت خولہ بنتِ حکیم رضی اللہ عنہا نے سیدِعالم صلی الله علیہ و آلہ وسلم سے عرض کیا کہ یا رسول اللہ ! کیا آپ نکاح نہیں کر لیتے؟ آپ صلی الله علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا کس سے؟ عرض کیا آپ چاہیں تو کنواری سے کر لیں اور چاہے تو بیوہ سے۔ آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا کنواری کون ہے؟ اُنہوں نے جواب دیا مخلوق میں جو آپ کو سب سے محبوب ہیں اُن کی بیٹی یعنی عائشہ بنت ابی بکر(صدیق ) آپ نے دوبارہ سوال فرمایا بیوہ کون ہے؟ جواب دیا سودہ بنت زمعہ جو آپ پر ایمان لا چکی ہیں اور آپ کا اتباع کرتی ہیں۔
یہ سن کر آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا بہتر ہے جاؤ دونوں جگہ میرا پیغام لے جاؤ چنانچہ حضرت خولہ پہلے حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے گھر پہنچیں۔ اُس وقت حضرت صدیقِ اکبر تشریف نہ رکھتے تھے۔ اُن کی بیوی سے کہا اے اُمِ رومان کچھ خبر بھی ہے اللہ نے کس خیر و برکت سے تم کو نوازنے کا اِرادہ فرمایا ہے؟ اُنہوں نے سوال کیا وہ کیا؟ جواب دیا مجھے رسول اللہ صلی الله علیہ و آلہ وسلم نے عائشہ سے نکاح کرنے کا پیغام دے کر بھیجا ہے۔ حضرت اُمِ رومان نے جواب دیا ذرا اَبو بکر کے آنے کا انتظار کرو۔چنانچہ تھوڑی دیر میں وہ بھی تشریف لے آئے۔ اُن سے بھی حضرت خولہ نے یہی کہا کہ اے ابو بکر کچھ خبر بھی ہے اللہ تعالیٰ نے تم کو کس خیر و برکت سے نوازنے کا اِرادہ فرمایا ہے؟ بولے وہ کیا؟ جواب دیا مجھے رسول اللہ صلی الله علیہ و آلہ وسلم اِس مقصد کے لیے بھیجا ہے کہ عائشہ سے نکاح کے بارے میں آپ کا پیغام پہنچا دوں۔
یہ سن کر حضرت صدیق اکبر نے کہا کہ وہ تو آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم کی بھتیجی ہے (کیونکہ میں آپ کا بھائی ہوں )کیا اِس سے آپ کا نکاح ہو سکتا ہے؟ اِس سوال کا جواب لینے کے لیے حضرت خولہ بارگاہِ رسالت میں واپس پہنچیں اَور حضرت صدیقِ اکبر کا اشکال سامنے رکھ دیا۔ اِس کے جواب میں آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا کہ ابو بکر سے کہہ دو کہ تم اور میں دینی بھائی ہیں ، تمہاری لڑکی سے میرا نکاح ہو سکتا ہے۔ (رشتہ کے حقیقی یا باپ شریک یا ماں شریک بھائی کی لڑکی سے نکاح دُرست نہیں ہے،دینی بھائی کے لڑکی سے نکاح جائز ہے )
چنانچہ حضرت خولہ واپس حضرت صدیقِ اکبر کے گھر آئیں اور شرعی فتوی جو بارگاہِ رسالت سے صادر ہوا تھا اُس کا اظہار کر دیا جس پر حضرت صدیقِ اکبر حضرت عائشہ سے آپ کا نکاح کر دینے پر راضی ہو گئے اور آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم کو بلا کر اپنی بیٹی عائشہ کا نکاح کر دیا۔ اِس کے بعد حضرت خولہ حضرت سودہ کے پاس گئیں اور اُن کے اِشارہ سے اُن کے والد زمعہ سے گفتگو کر کے آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم سے حضرت سودہ کا نکاح کر دینے پر راضی کر لیا اور نکاح کرا دیا۔ (جس کی تفصیل حضرت سودہ رضی اللہ عنہا کے تذکرہ میں آئے گی)
ہجرت
آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم نے حضرت خولہ رضی اللہ عنہا کے مشورہ اور کوشش سے حضرت عائشہ اور حضرت سودہ سے نکاح فرمایا لیکن چونکہ حضرت عائشہ کی عمر بہت کم(صرف ٦ سال ) تھی اِس لیے رُخصتی ابھی ملتوی رہی البتہ حضرت سودہ کی رُخصتی بھی ہو گئی اور آپ کے دولت کدہ پر تشریف لے آئیں اور گھر کی دیکھ بھال اِن کے سپرد ہوئی۔اِس کے بعد ہجرت کا سلسلہ شروع ہو گیا اور حضرات صحابہ مدینہ منورہ پہنچنے لگے بلکہ اکثر پہنچ گئے۔ حضرت صدیقِ اکبر نے بھی بار ہا آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم سے ہجرت کی اجازت چاہی لیکن آپ فرماتے رہے کہ جلدی نہ کرو، اُمید ہے کہ اللہ تعالیٰ کسی کو تمہارا رفیقِ سفر بنا دیں۔ یہ جواب سن کر حضرت ابوبکر کو اُمید بندھ گئی کہ آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم کے ساتھ میرا سفر ہو گا چنانچہ جب اللہ جل شانہ نے آنحضرت کو ہجرت کی اجازت دے دی تو آپ صلی الله علیہ و آلہ وسلم حضرت صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ کو ساتھ لے کر مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہو گئے۔ دونوں حضرات اپنے اہل و عیال کو چھوڑ کر تشریف لے گئے اور مدینہ منورہ پہنچ کر اپنے اہل و عیال کو مکہ معظمہ سے بلانے کا انتظام فرمایا جسکی صورت یہ ہوئی کہ حضرت زید بن حارثہ اَور حضرت ابو رافع رضی اللہ عنہما کو دو اُونٹ اور پانچ سو درہم دے کر مکہ بھیجا تاکہ دونوں کے گھرانوں کو لے آویں۔ چنانچہ وہ دونوں مکہ معظمہ پہنچے اور راستے سے اُن حضرات نے تین اُونٹ خرید لیے، مکہ میں داخل ہوئے تو حضرت طلحہ بن عبید اللہ سے ملاقات ہو گئی۔ وہ اُس وقت ہجرت کا اِرادہ کر چکے تھے۔ چنانچہ یہ مبارک قافلہ مدینہ منورہ کو روانہ ہواجس میں حضرت زید بن حارثہ ،اُن کا بچہ اُسامہ اور اُن کی بیوی اُمِ ایمن اور آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم کی دو بیٹیاں حضرت فاطمہ اور حضرت اُم کلثوم اور آپ صلی الله علیہ و آلہ وسلم کی بیویاں حضرت عائشہ حضرت سودہ اور حضرت عائشہ کی والدہ حضرت اُمِ رومان اور حضرت عائشہ کی بہن اسماء بنت ابی بکر اور اُن کے بھائی عبداللہ بن ابی بکر رضی اللہ عنہم اجمعین تھے۔
اِس سفر میں حضرت عائشہ اور اُن کی والدہ رضی اللہ عنہما دونوں ایک کجاوہ میں اُونٹ پر سوار تھیں۔ راستہ میں ایک موقع پر وہ اُونٹ بِدک گیا جس کی وجہ حضرت اُمِ رومان رضی اللہ عنہا کو بہت پریشانی ہوئی اور گھبراہٹ میں اپنی بچی عائشہ کے متعلق پکار اٹھیں ''ہائے میری بیٹی ہائے میری دُلہن'' لیکن اللہ تعالیٰ کی غیبی مدد یہ ہوئی کہ غیب سے آواز آئی کہ اُونٹ کی نکیل چھوڑ دو۔ حضرت عائشہ کا بیان ہے کہ میں نے اُس کی نکیل چھوڑ دی تو وہ آرام کے ساتھ ٹھہر گیا اور اللہ نے سب کو سلامت رکھا۔
جب یہ قافلہ مدینہ منورہ پہنچا تو آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم مسجد نبوی (علیٰ صاحبہِ الصلوة والسلام ) کے آس پاس اپنے اہل و عیال کیلیے حجرے بنوا رہے تھے۔ حضرت سودہ حضرت فاطمہ اور حضرت اُمِ کلثوم رضی اللہ عنہن کو اِن ہی حجروں میں ٹھہرا دیا اور حضرت عائشہ اپنے ماں باپ کے پاس ٹھہر گئیں (الاستیعاب ،اَلبدایہ )۔ اِس کے چند ماہ بعد شوال میں حضرت عائشہ کی رُخصتی ہوئی۔ حضرت اسماء بنت ابی بکر (حضرت عائشہ کی بہن) کا زمانۂ ولادت قریب تھا۔ وہ بھی اپنی ماں کے ساتھ ہجرت کر کے آئی تھیں۔ اُنہوں نے قبا میں قیام فرمایا اور وہیں بچہ پیدا ہوا جس کا نام عبداللہ رکھا گیا۔ حضرت اسماء کے شوہر حضرت زبیر تھے اِس لیے یہ بچہ عبداللہ بن زبیر کے نام سے مشہور ہوا۔ہجرت کے بعد مہاجرین میں یہ سب سے پہلا بچہ تولد ہوا۔ اِن کے تولد سے مسلمانوں کو بہت ہی زیادہ خوشی ہوئی جس کی وجہ یہ تھی کہ یہودیوں نے مشہور کر دیا تھا کہ ہم نے جادو کر دیا ہے اَب مسلمانوں کی اَولاد نہ ہو گی۔جب حضرت عبداللہ بن زبیر پیدا ہوئے تو یہودیوں کا دعویٰ جھوٹا ہوا۔(الاستیعاب والبدایہ )حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما کا بیان ہے کہ جب عبداللہ کی پیدائش ہو گئی تو میں اُس کو لیکر آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئی۔ آپ صلی الله علیہ و آلہ وسلم نے اُس کو اپنی گود میں لے لیا اور ایک کھجور منگا کر اپنے مبارک منہ میں چبائی پھر بچہ کے منہ میں اپنے مبارک منہ میں سے ڈال دی۔ حاصل یہ ہے کہ سب سے پہلے بچہ کے پیٹ میں آپ صلی الله علیہ و آلہ وسلم کا لعاب مبارک گیا اور آپ صلی الله علیہ و آلہ وسلم نے دُعا بھی دی اور بَارَکَ اللّٰہُ بھی فرمایا۔ (البدایہ )حضرت عبداللہ بن زبیر حضرت عائشہ کے بھانجے تھے اُن کے نام سے حضرت عائشہ کی کنیت اُم عبداللہ آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم نے فرمائی تھی۔ (البدایہ۔ الاصابہ )
رُخصتی
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی رُخصتی شوال میں ہوئی۔ عرب کے لوگ شوال میں شادی کرنے کو برا سمجھتے تھے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے اِس جہالت کی تردید کرتے ہوئے اِرشاد فرمایا کہ رسول اللہ صلی الله علیہ و آلہ وسلم نے مجھ سے شوال میں نکاح کیا اور شوال میں میری رُخصتی ہوئی تو اَب بتاؤ مجھ سے زیادہ کونسی بیوی آپ کی چہیتی تھی۔(جب آپ صلی الله علیہ و آلہ وسلم نے مجھ سے نکاح بھی شوال میں کیا اور رُخصتی بھی شوال میں کی تو اَب اِس کے خلاف چلنے کا کسی مسلمان کو کیا حق ہے۔ اسی جہالت کو توڑنے کے لیے )حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا چاہا کرتی تھیں کہ شوال کے مہینے میں عورتوں کی رُخصتی کی جائے۔(البدایہ عن الامام احمد)
بخاری شریف میں ہے کہ سیدِ عالم صلی الله علیہ و آلہ وسلم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا کہ تم مجھ کو خواب میں دو مرتبہ دکھائی گئی تھیں۔ میں نے دیکھا کہ ایک شخص تم کو ریشم کے بہترین کپڑے میں اُٹھائے ہوئے ہے۔ میں نے کھول کر دیکھا تو تم نکلیں ،میں نے (دل میں ) کہا کہ اگر یہ اللہ کی طرف سے دکھا یا گیا ہے تو اللہ ضرور اِس کی تعبیر پوری فرما دیں گے۔ دُوسری روایت سے معلوم ہو تا ہے کہ فرشتہ بصورت اِنسان ریشم کے کپڑے میں اِن کو لے کر آیا تھا۔( بخاری شریف ج ٢ ص ٧٦٨)
رُخصتی کی پوری کیفیت اِس طرح ہے کہ حضرت صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ نے بار گاہِ رسالت میں عرض کیا یا رسول اللہ صلی الله علیہ و آلہ وسلم آپ اپنی بیوی کو گھر کیوں نہیں بلا لیتے۔ آپ صلی الله علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا اِس وقت میرے پاس مہر ادا کرنے کے لیے رقم نہیں ہے۔ حضرت صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ نے عرض کیا کہ میں (بطورِ قرض ) پیش کر دیتا ہوں۔ چنانچہ آپ نے اِن کی پیشکش قبول فرمائی اور بیوی کے باپ ہی سے قرض لے کر مہر ادا کر دیا۔
مسلم شریف میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ سیدِ عالم صلی الله علیہ و آلہ وسلم کی بیویوں کا مہر (عموماً) ساڑھے بارہ اَوقیہ یعنی پانچ سو درہم تھا۔ آج کل مہر میں ہزاروں روپے مقرر کیے جاتے ہیں اور مہر کی کمی کو باعثِ ننگ و عار سمجھتے ہیں حالانکہ حضرت صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ سے بڑھ اُمت میں کوئی بھی معزز نہیں ہے۔ اُن کی بیٹی کا مہر پانچ سودرہم تھا جس سے اُن کی عزت کو کچھ بھی بٹّہ نہ لگا اور دینے والے سید عالم صلی الله علیہ و آلہ وسلم تھے۔ آپ صلی الله علیہ و آلہ وسلم نے مہر نہ ہونے کی وجہ سے کم مقرر کرنے کو ذرا بھی عار نہ سمجھا۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے واقعۂ رُخصتی سے اَدائیگی مہر کی اہمیت بھی معلوم ہو گئی کیونکہ مہر کے اَدا کرنے کو آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم نے اِس قدر ضروری سمجھا کہ مہر کی اَدائیگی کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے رُخصت کر لینے میں تامل فرمایا۔ اُمت کے لیے اِن باتوں میں نصیحت ہے۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا واقعۂ رُخصتی کو اِس طرح ذکر فرماتی تھیں کہ میں اپنی سہیلیوں کے ساتھ جھولا جھول رہی تھی کہ میری والدہ نے آ کر مجھے آواز دی۔ مجھے خبر بھی نہ تھی کہ کیوں بلا رہی ہیں۔ میں اُن کے پاس پہنچی تو میرا ہاتھ پکڑ کر لے چلیں اور مجھے گھر کے دروازہ کے اَندر کھڑا کر دیا۔ اُس وقت (اُن کے اچانک بلانے سے ) میرا سانس پھول گیا تھا۔ ذرا دیر بعد سانس ٹھکانے سے آیا۔ گھر کے اَندر دَروازہ کے پاس والدہ صاحبہ نے پانی لے کر میرا سر اور منہ دھویا۔ اِس کے بعد مجھے گھر میں اَندر داخل کر دیا۔ وہاں اَنصار کی عورتیں بیٹھی ہوئی تھیں ، اُنہوں نے دیکھتے ہی کہا عَلَی الْخَیْرِ وَالْبَرْکَةِ وَعَلٰی خَیْرٍ طَائِرٍ (تمہارا آنا خیرو برکت ہے اور نیک فال ہے) میری والدہ نے مجھے اُن عورتوں کے سپرد کر دیا (اور انہوں نے میرا بناؤ سنگھار کر دیا اُس کے بعد وہ عورتیں علیحدہ ہو گئیں ) اور اَچانک رسولِ خدا صلی الله علیہ و آلہ وسلم میرے پاس تشریف لے آئے یہ چاشت کا وقت تھا۔ اِس وقت آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم نے اپنی نئی بیوی سے ملاقات فرمائی۔ (بخاری شریف و جمع الفوائد)
غور کیجئے کس سادگی سے یہ شادی ہوئی۔ نہ دُلہا گھوڑے پر چڑھ کر آیا نہ آتش بازی چھوڑ ی گئی نہ اور کسی طرح کی دھُوم دھام ہوئی، نہ تکلف ہوا، نہ آرائشِ مکان ہوئی ،نہ فضول خرچی ہوئی اور یہ بھی قابلِ ذکر بات ہے کہ دُلہن کے گھر ہی میں دُلہا دُلہن مل لیے۔ آج اگر ایسی شادی کر دی جاوے تو دُنیا نکّو بنا دے اور سونام دھرے، خدا بچائے جہالت سے اور پنے رسول پاک صلی الله علیہ و آلہ وسلم کا پورا پورا اتباع نصیب فرمائے۔ (جاری ہے)
حضرت عائشہ نے مصاحبتِ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے خوب فائدہ اُٹھایا
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے سید عالم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی مصاحبت میں ٩ سال گزارے اور اِن ٩ سال میں خوب علم حاصل کیا۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا احترام پوری طرح ملحوظ رکھتے ہوئے سوالات کر کے علم بڑھا تی رہیں اَور آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم خود بھی اُن کو علوم سے بہرہ وَر فرمانے کا خیال فرماتے رہے۔
حضرت امام زہری نے فرمایا کہ اگر آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی تمام بیویوں اور اُن کے علاوہ باقی تمام عورتوں کا علم جمع کیا جائے تو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا علم سب کے علم سے بڑھا ہوا رہے گا۔ حضرت مسروق تابعی فرماتے تھے جو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے خاص شاگرد تھے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے اکابر صحابہ کو دیکھا جو عمر میں بوڑھے تھے وہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے فرائض کے بارے میں معلومات کیا کرتے تھے۔ (جمع الفوائد ۔ الاصابہ۔ البدایہ)
حضرت ابوموسیٰ نے فرمایا کہ ہم اصحابِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کو جب کبھی علمی اُلجھن پیش آئی اور اُس کے متعلق حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سوال کیا تو اُن کے پاس اُس کے متعلق ضرور معلومات ملیں (جس سے مشکل حل ہوئی) ۔(جمع الفوائد ولاصابہ والبدایہ)روایت حدیث میں تابعینِ کرام کے علاوہ بہت سے صحابہ بھی حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے شاگرد ہیں ۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے سوالات
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا برابر آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے سوالات کرتی رہتی تھیں ۔ ایک مرتبہ سوال کیا یا رسول اللہ!میرے دو پروسی ہیں ۔ فرمائیے میں ہدیہ دینے میں دونوں میں سے کس کو ترجیح دُوں ؟ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے اِرشاد فرمایا اِلٰی اَقْرَبِھِمَا مِنْکِ بَاباً (کہ دونوں میں سے جس کے گھر کا دروازہ تم سے زیادہ قریب ہو اُس کو ترجیح دو )۔ (بخاری شریف )
ایک مرتبہ سید عالم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے دُعا کی اَللّٰہُمَّ حَاسِبْنِیْ حِسَاباً یَّسِیْراً (اے اللہ مجھ سے آسان حساب لیجیے) یہ دُعا سن کر حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے سوال کیا یا نبی اللہ !آسان حساب کی کیا صورت ہو گی؟ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا اعمال نامہ دیکھ کر درگزر کر دیا جائے گا (یہ آسان حساب ہے پھر فرمایا کہ ) یقین جانو! جس کے حساب میں چھان بین کی گئی اے عائشہ وہ ہلاک ہو گیا۔ (رواہ احمد)۔ (کیونکہ جس کے حساب میں چھان بین ہو گی وہ حساب دے کر کامیاب نہیں ہوسکتا )۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا روایت فرماتی ہیں کہ ایک روز میں نے اور حفصہ نے (نفلی) روزہ رکھ لیا پھر کھانا مل گیا جو کہیں سے ہدیہ آیا تھا۔ ہم نے اُس میں سے کھا لیا۔ تھوڑی دیر کے بعد سید عالم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم تشریف لائے (میرا اِرادہ تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے سوال کروں مگر مجھ سے پہلے (جرأت کر کے ) حفصہ نے پوچھ لیا۔ جرأت میں وہ اپنے باپ کی بیٹی تھیں ۔ یہ پوچھا کہ یا رسول اللہ !میں نے اور عائشہ نے نفلی روزہ کی نیت کی تھی پھر ہمارے پاس ہدیةً کھا نا آگیا جس سے ہم نے روزہ توڑ دیا (فرمائیے اِس کا کیا حکم ہے؟ ) سید عالم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا کہ تم دونوں اِس کی جگہ کسی دُوسرے دن روزہ رکھ لینا۔(جمع الفوائد)
ایک مرتبہ سیّدِ عالم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا کہ قیامت کے روز لوگ ننگے پاؤں ننگے بدن اور بغیر ختنہ کے اُٹھائے جائیں گے(جیسے ماں کے پیٹ سے دُنیا میں آئے تھے) ۔یہ سن کر حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم !(یہ تو بڑے شرم کا مقام ہو گا ) کیا مرد عورت سب ننگے ہوں گے، ایک دُوسرے کو دیکھتے ہوں گے؟ اِس کے جواب میں سیّدِ عالم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا :اے عائشہ (قیامت کی سختی اِس قدر ہو گی اور لوگ گھبراہٹ اور پریشانی سے ایسے بدحال ہوں گے کہ کسی کو کسی کی طرف دیکھنے کا ہوش ہی نہ ہو گا ) مصیبت اتنی زیادہ ہو گی کہ کسی کو اِس کا خیال بھی نہ آئے گا۔ (الترغیب والترہیب)
ایک مرتبہ سیّدعالم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے دُعا کی اَلّٰلھُمَّ اَحْیِنِیْ مِسْکِیْناً وَّ اَمِتْنِیْ مِسْکِیْناً وَّاحْشُرْنِیْ فِیْ زُمْرَةِ الْمَسَاکِیْنِ اے اللہ ! مجھے مسکین زندہ رکھ اَور حالتِ مسکینی میں مجھے دُنیا سے اُٹھا اور قیامت میں مسکینوں میں میرا حشر کیجٔو۔یہ دُعا سن کر حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے سوال کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم ! آپ نے ایسی دعا کیوں کی؟ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا (اِس لیے کہ) بلاشبہ مسکین لوگ مالداروں سے چالیس سال پہلے جنت میں داخل ہوں گے(اِس کے بعد فرمایا کہ اے عائشہ) اگر مسکین سائل ہو کر آوے تو مسکین کو کچھ دیے بغیر واپس نہ کر اور بھی کچھ نہیں تو کھجور کا ایک ٹکڑا ہی دے دیا کر۔ اے عائشہ !مسکینوں سے محبت کر اور اُن کو اپنے سے قریب کر جس کی وجہ سے اللہ تعالیٰ تجھے قیامت کے روز اپنے سے قریب فرمائیں گے۔ (ترمذی )
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے پوچھا کہ یہ جو اللہ جل شانہ نے (قرآن مجید میں )فرمایا ہے : وَالَّذِیْنَ یُؤْتُوْنَ مَا اٰتَوْا وَقُلُوْبُھُمْ وَجِلَة اَنَّھُمْ اِلٰی رَبِّھِمْ رَاجِعُوْنَ اور وہ لوگ (اللہ کی راہ میں ) جو دیتے ہیں اور اُن کے دِل اُس سے خوف زدہ ہوتے ہیں کہ وہ اپنے رب کے پاس جانے والے ہیں تو اُن خوف زدہ لوگوں سے (کون مراد ہیں ) کیا وہ لوگ مراد ہیں جو شراب پیتے ہیں اور چوری کرتے ہیں ؟ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا اے صدیق کی بیٹی نہیں !(ایسے لوگ مراد نہیں ہیں بلکہ اِس آیت میں خدا نے اُن لوگوں کی تعریف فرمائی ہے) جو روزہ رکھتے ہیں اور نماز پڑھتے ہیں اور صدقہ دیتے ہیں اور (اِس کے باوجود) اِس بات سے ڈرتے ہیں کہ ایسا نہ ہو کہ یہ اعمال قبول ہی نہ کیے جائیں ۔ اِن ہی لوگوں کے بارے میں اللہ جل شانہ نے فرمایا ہے اُوْلٰئِکَ یُسَارِعُوْنَ فِی الْخَیْرَاتِ کہ یہ لوگ نیک کاموں میں تیزی سے بڑھتے ہیں ۔ (مشکٰوة شریف)
ایک مرتبہ سید عالم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے اِرشاد فرمایا کہ جو شخص اللہ تعالیٰ کی ملاقات کو محبوب رکھتا ہے اللہ تعالیٰ اُس کی ملاقات کو محبوب رکھتے ہیں جو شخص اللہ تعالیٰ کی ملاقات کو نا پسند کرتا ہے اللہ تعالیٰ اُس کی ملاقات کو نا پسند فرماتے ہیں ۔ یہ سن کر حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے عرض کیا کہ (یہ تو آپ نے بڑی گھبرا دینے والی بات سنائی کیونکہ ) موت ہم سب کو (طبعاً) بری لگتی ہے (لہٰذا اِس کا مطلب تو یہ ہوا کہ ہم میں سے کوئی شخص بھی اللہ تعالیٰ کی ملاقات کو پسند نہیں کرتا اللہ تعالیٰ بھی ہم میں سے کسی شخص کی ملاقات کو پسند نہیں فرماتے)۔ اِس کے جواب میں سیّدِ عالم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا اِس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ جسے طبعی طور پر موت بری لگے اللہ کو اُس سے ملاقات ناپسند ہے بلکہ مطلب یہ ہے کہ جب مومن کی موت کا وقت آ پہنچتا ہے تو اُس کو اللہ تعالیٰ کی رضا اور اللہ کی طرف سے اعزازو اکرام کی خوشخبری سنائی جاتی ہے لہٰذااُس کے نزدیک کوئی چیز اُس سے زیادہ محبوب نہیں جو مرنے کے بعد اُسے پیش آنے والی ہے۔ اِس وجہ سے وہ اللہ تعالیٰ کی ملاقات کو چاہنے لگتا ہے لہٰذا اللہ تعالیٰ بھی اُس کی ملاقات کو چاہتے ہیں ۔ اور بلا شبہ کافر کی موت کا جب وقت آتا ہے تو اللہ تعالیٰ کے عذاب اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے سزا ملنے کی اُس کو خبر دی جاتی ہے، لہٰذا اُس کے نزدیک کوئی چیز اِس سے زیادہ ناپسند نہیں ہوتی جو مرنے کے بعد اُس کے سامنے پیش آنے والی ہے۔ اِسی وجہ سے وہ اللہ تعالیٰ کی ملاقات کو ناپسند کرتا ہے چنانچہ اللہ تعالیٰ بھی اُس کی ملاقات کو ناپسند فرماتے ہیں ۔ (مشکوة شریف عن البخاری والمسلم)
ایک مرتبہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے دریافت کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کیا عورتوں پر جہاد ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا ہاں عورتوں پر ایسا جہاد ہے جس میں جنگ نہیں ہے یعنی حج اور عمرہ ۔(مشکوة شریف )
ایک مرتبہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے سوال کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم (یہ تو واقعہ ہے ) کوئی شخص بغیر اللہ تعالیٰ کی رحمت کے جنت میں داخل نہ ہو گا۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا (ہاں ) اللہ تعالیٰ کی رحمت کے بغیر کوئی بھی جنت میں نہ جائے گا تین مرتبہ یوں ہی فرمایا ۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے دوبارہ سوال کیا کہ اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم آپ بھی اللہ کی رحمت کے بغیر جنت میں داخل نہ ہوں گے؟ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے ماتھے پر مبارک ہاتھ رکھ کر فرمایا وَلَا اَنَا اِلَّا اَنْ یَّتَغَمَّدَنِیَ اللّٰہُ مِنْہُ بِرَحْمَتِہ (میں بھی جنت میں داخل نہ ہوں مگر یہ کہ اللہ مجھے اپنی رحمت میں ڈھانپ لیوے)تین مرتبہ یہی فرمایا (مشکوٰة شریف)
ایک مرتبہ سیّدِ عالم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم ! یہ تو فرمائیے اگر مجھے معلوم ہو جائے کہ لیلة القدر کون سی ہے (یعنی یہ علم ہو جائے کہ آج لیلة القدر ہے ) تو دُعا میں کیا کہوں ! آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا یوں کہنا اَللّٰھُمَّ اِنَّکَ عَفُوّ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّیْ اے اللہ بلاشبہ تو معاف کرنے والا ہے معاف کرنے کو پسند کرتا ہے لہٰذا تو مجھے معاف فرما۔ (مشکوٰة)۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے محبت
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو دیگر تمام بیویوں کی بہ نسبت زیادہ محبت تھی۔ حضرت عَمر و بن العاص نے ایک مرتبہ سوال کیا کہ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم آپ کو سب سے زیادہ کون محبوب ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا عائشہ ،اُنہوں نے مکرر سوال کیا یا رسول اللہ مردوں میں سب سے زیادہ آپ کو کون محبوب ہے؟ فرمایا عائشہ کے والد۔ سائل نے سہ بار سوال کیا کہ اُن کے بعد؟ فرمایا عمر۔ لیکن اِس قدر محبت کے باوجود کسی دُوسری بیوی کی ذرا حق تلفی نہیں فرماتے تھے۔ سب کے حقوق اور دِلداری اور شب باشی میں برابری رکھتے تھے ۔چونکہ طبعی محبت اختیاری نہیں ہے اِس لیے بار گاہِ خداوندی میں آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے یہ دُعا کی تھی اَللّٰہُمَّ ھٰذَا قَسْمِیْ فِیْمَا اَمْلِکُ فَلَا تَلُمْنِیْ فِیْمَا تَمْلِکُ وَلَا اَمْلِکُ (اے اللہ !یہ میری تقسیم ہے میرے اختیار کی چیزوں میں لہٰذا مجھے ملامت نہ کیجئے اُس چیز میں جس کے آپ مالک ہیں اور میرے قبضہ کی نہیں ہے) یعنی طبعی محبت غیر اختیاری ہے اِس میں برابری کرنا میرے اختیار سے باہر ہے۔(جمع الفوائد)
حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو اللہ جل شانہ نے معلم بنا کر بھیجا تھا اِس لیے آپ کو اللہ کی طرف سے ایسے حالات میں مبتلا کیا گیا جن سے اُمت کو راہ مل سکے۔ چونکہ اُمت کو چار بیویوں تک رکھنے کی اجازت ہے اِس لیے جو اُمتی اِس پر عمل کرے اُس کے لیے آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی زندگی سے سبق مل گیا کہ ایک بیوی سے طبعی محبت زیادہ ہو تو اِس پر مواخذہ نہیں لیکن حق کی ادائیگی میں سب کو برا بر رکھنا فرض ہے اِس میں کوتاہی کی تو پکڑ ہو گی۔ ترمذی شریف میں ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا کہ جب ایک مرد کے پاس دو بیویاں ہوں اور وہ اُن کے درمیان برابری کا خیال نہ رکھے تو قیامت کے روز اِس حال میں آئے گا کہ اُس کا ایک پہلو گرا ہوا ہو گا۔ (ترمذی بحوالہ مشکوٰة شریف)
تربیت کا خاص خیال
سیّدِ عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو اگرچہ حضرت عائشہ سے بہت محبت تھی اَور اُن کی تربیت کا بھی خاص خیال فرماتے تھے اَور اللہ تعالیٰ سے ڈراتے رہتے جہاں لغزش نظر آتی فوراً آگاہ فرماتے اور سرزنش فرماتے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا روایت فرماتی ہیں کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ایک غزوہ میں تشریف لے گئے میں نے پیچھے ایک اچھا سا پردہ لٹکا دیا جب آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم تشریف لائے تو اُس پردہ کو اِس زور سے پکڑ کر کھینچا کہ اُس کو پھاڑ دیا پھر فرمایا بلا شبہ اللہ تعالیٰ نے ہم کو یہ حکم نہیں دیا کہ پتھروں کو اَور مٹی کو لباس پہناویں ۔ (مشکوٰة عن البخاری و ا لمسلم )
ایک مرتبہ چند یہودی آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے پاس آئے اور اُنہوں نے دبی زبان سے اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ کے بجائے اَلسَّامُ عَلَیْکُمْ کہا۔ ''سَامْ'' موت کو کہتے ہیں اُن کا مطلب بددُعا دینا تھا۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اِس کے جواب میں وَعَلَیْکُمْ فرما دیا (یعنی تم پر موت ہو )۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے تو اِسی قدر فرمایا لیکن حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سخت برہم ہوئیں اور غصہ سے اُنہوں نے فرمایا اَلسَّامُ عَلَیْکُمْ وَلَعَنَکُمُ اللّٰہُ وَغَضِبَ عَلَیْکُمْ (تم پر موت ہو اور خدا کی لعنت ہو اور خدا کا غضب ٹوٹے ) یہ سن کر سیّدِ عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا : اے عائشہ ٹھہر نرمی اختیار کر اور بدکلامی سے بچ۔ عرض کیا آپ نے سنا نہیں اُنہوں نے کیا کہا ہے۔ سیّدِ عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا اَور تم نے نہیں سنا میں نے کیا جواب دیا؟ اُن کی بات میں نے اُن پر لُٹا دی۔ اَب اللہ تعالیٰ میری بد دُعا اُن کے حق میں قبول فرمائیں گے اور اُن کی بد دُعا میرے حق میں قبول نہ ہو گی۔ (مشکوٰة)
ایک مرتبہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے حضرت صفیہ رضی اللہ عنہا کی بُرائی کرتے ہوئے کہہ دیا کہ صفیہ اِتنی سی ہے یعنی پستہ قد ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فوراً ٹوکا اور فرمایا کہ یقین جان ! تو نے ایسا کلمہ کہہ دیا کہ اِسے اگر سمندر میں ملا دیا جائے تو اُسے بھی بگاڑ دے۔ (مشکوٰة شریف)
ایک روز حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے آٹا پیس کر چھوٹی چھوٹی روٹیاں پکائیں اِس کے بعد اُنکی آنکھ لگ گئی۔ اِسی اثناء میں پڑوسن کی بکری آئی اور روٹیاں کھا گئی۔ آنکھ کھلنے پر حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا اُس کے پیچھے دوڑیں یہ دیکھ کر حضور اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا اے عائشہ! ہمسایہ کو اُس کی بکری کے بارے میں نہ ستاؤ۔
مختلف نصائح
حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اکثر زُہد اور فکرِ آخرت اور خدا ترسی کی نصیحتیں فرماتے رہتے تھے۔ایک مرتبہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کو نصیحت فرمائی اے عائشہ چھوٹے گناہوں سے (بھی) بچ کیونکہ اللہ کی طرف سے اِن کے بارے میں مواخذہ کرنے والا موجود ہے۔ (مشکوٰة شریف )
ایک مرتبہ سیّد عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے نصیحت فرمائی کہ اے عائشہ اگر تو (آخرت میں ) مجھ سے ملنا چاہتی ہے تو تجھے دُنیا میں سے اِتنا سا سامان کافی ہونا چاہیے جتنا مسا فر اپنے ساتھ لے کر چلتا ہے اور مالداروں کے پاس بیٹھنے سے پر ہیز کر اور کسی کپڑے کو پرانا سمجھ کر پہننا مت چھوڑ جب تک تو اُس کو پیوند لگا کر نہ پہن لیوے۔ حضرت عروہ بن زُبیر رضی اللہ عنہ فرماتے تھے کہ خالہ جان اِس نصیحت پر عمل کر تے ہوئے نیا کپڑا اُس وقت تک نہیں بنا تی تھیں جب تک کہ پہلے بنائے ہوئے کپڑے کو پیوند لگا کر نہیں پہن لیتی تھیں اور جب تک کہ وہ خوب بوسیدہ نہ ہو جاتا۔ (الترغیب والترہیب)
کثیر بن عبید کا بیان ہے کہ میں اُمّ المؤمنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی خدمت میں حاضر ہوا۔ وہ اُس وقت اپنے کپڑے میں پیوند لگا رہی تھیں مجھ سے فرمایا ذرا ٹھہرو (ابھی بات کروں گی) اِس کام سے فارغ ہو جاؤں ۔ چنانچہ میں نے توقف کیا۔ پھر جب گفتگو شروع ہوئی تو میں نے عرض کیا اے اُمّ المؤمنین ! اگر میں باہر جا کر لوگوں سے کہوں کہ اُم المؤمنین پیوند لگا رہی تھیں تو لوگ آپ کو بخیل سمجھیں گے۔ اِس کے جواب میں فرمایا کہ سمجھ کر بات کرو۔ حقیقت یہ ہے کہ جس نے پرانا کپڑا نہ پہنا اُسے نیا کپڑا پہننے میں کیا لطف آئے گا۔
کلماتِ حکمت و موعظت
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بڑی صاحبِ حکمت و موعظت تھیں ۔ بڑے پتہ کی بات فرمایا دیا کرتی تھیں ۔ بعض صحابہ بھی اُن سے نصیحت کرنے کی فرمائش کیا کر تے تھے۔ زیادہ کھا نے کے متعلق حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے دُنیا سے تشریف لے جانے کے بعد سب سے پہلی مصیبت یہ اُمت میں پیدا ہوئی کہ پیٹ بھر کر کھانے لگے۔ جب پیٹ بھرتے ہیں تو بدن موٹے ہو جاتے ہیں اور دِل کمزور ہو جاتے ہیں اور نفسانی خواہشیں زور پکڑ لیتی ہیں ۔ (صِفة الصفوة )
ایک مرتبہ فرمایا کہ گناہوں کی کمی سے بہتر کوئی پونچی ایسی نہیں ہے جسے لے کر تم اللہ تعالیٰ سے ملاقات کرو۔ جسے یہ خواہش ہو کہ عبادت میں محنت سے اِنہماک رکھنے والے سے بازی لے جاوے اُسے چاہیے کہ اپنے کو گناہوں سے بچائے۔ (صِفة الصفوة )
حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے ایک خط حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے نام اِرسال کیا جس میں اپنے لیے مختصر نصیحت کر نے کی فرمائش کی ۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے اِس کے جواب میں فرمایا
سَلَامُ عَلَیْکَ اَمَّا بَعْدُ فَاِنِّیْ سَمِعْتُ رَسُوْلَ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَسَلَّمَ یَقُوْلُ مَنِ الْتَمَسَ رِضَی اللّٰہِ بِسَخَطِ النَّاسِ کَفَاہُ اللّٰہُ مُؤْنَةَ النَّاسِ وَمَنِ الْتَمَسَ رِضَی النَّاسِ بِسَخَطِ اللّٰہِ وَکَّلَہُ اللّٰہُ تَعَالٰی اِلَی النَّاسِ۔ وَالسَّلَامُ عَلَیْکَ ۔ (مشکوٰة شریف )
تم پر سلام ہو۔بعد سلام کے واضح ہو کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے سنا ہے کہ جو شخص لوگوں کی ناراضگی کا خیال نہ کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی رضا کا طالب ہو اللہ تعالیٰ لوگوں کی شرارتوں سے (بھی )اُسے محفوظ فرماتے ہیں اور جو شخص اللہ تعالیٰ کو ناراض کر کے لوگوں کو راضی رکھنا چاہتا ہو اللہ تعالیٰ (اُس کی مدد نہیں فرماتے بلکہ) اُسے لوگوں کے حوالے کر دیتے ہیں (وہ اُس کو جیسے چاہے استعمال کریں اور جس طرح چاہے اُس کا دلیہ بنائیں ) وَالسَّلَامُ عَلَیْکَ ۔
ایک مرتبہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کو ( غالباً اُن کی درخواست پر) یہ بھی لکھ بھیجا کہ
اَمَّابَعْدُ فَاِنَّ الْعَبْدَ اِذَا عَمِلَ بِمَعْصِیَةِ اللّٰہِ تَعَالٰی عَادَ حَامِدُہ مِنَ النَّاسِ ذَاماً۔ ( صِفة الصفوة )
یعنی جب بندہ اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کا کام کرتا ہے تو اُس کو اچھا کہنے والے بھی اُسے برا کہنے لگتے ہیں ۔
نَشْرُ الْعُلُوْم
سیّدِعالمؐ کی وفات کے بعد حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے بڑی مستعدی سے علمِ دین کی اشاعت کی۔ اُن کے شاگردوں کی بڑ ی بھاری تعداد( جو دو سو کے لگ بھگ ہے) کتابوں میں لکھی ہے جن میں صحابہ کرام بھی ہیں اور تابعین حضرات بھی( رضی اللہ عنہم اجمعین)۔ اِن کی وفات ٧٨ ھ میں ہوئی۔ اِس حساب سے سیّدِ عالمؐ کے بعد اُنہوں نے ٤٨ سال مسلسل علمِ دین پھیلایا۔ محدثینِ کرام نے اُن کی روایات کی تعداد ٢٢١٠ بتلائی ہے۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے بڑی فیاضی کے ساتھ علمِ دین کی اشاعت کی۔ لڑکے اور عورتیں اور جن مردوں سے اُن کا پردہ نہ تھا پردہ کے اَندر مجلسِ تعلیم میں بیٹھتے تھے اَور باقی حضرات متعلمین پردہ کے پیچھے بیٹھ کر اُن سے دینی فیض حاصل کر تے تھے۔ مختلف قسم کے سوالات کیے جاتے تھے اَور وہ سب کا جواب دیتی تھیں ۔ اور بعض مرتبہ کسی دُوسرے صحابی یا اُمہات المومنین میں سے کسی کے پاس سائل کو بھیج دیتی تھیں ۔ دینی مسائل معلوم کر نے میں کوئی شرماتا تو فرما تی تھیں کہ شر ماؤ مت کھل کر پوچھ لو۔
ہر سال حجِ بیت اللہ کے لیے تشریف لے جاتی تھیں اور ہر طرف سے مختلف شہروں سے برا بر لوگ آتے تھے اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے خیمے کے باہر ٹھہر کر دینی سوالات کر تے تھے اور وہ جواب دیتی تھیں ۔ مکہ معظمہ میں زمزم کے قریب پردہ ڈال کر تشریف فرما ہو جا تی تھیں اور فتوے طلب کر نے والوں کی بھیڑ لگ جاتی تھی۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا شمار اُن جلیل القدر صحابہ میں کیا گیا ہے جو مستقل مفتی تھے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا اپنے والد ماجد ہی کے زمانہ ٔ خلافت سے مفتی ہو گئی تھیں اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ اور حضرت عثمان رضی اللہ عنہ تو خود آدمی بھیج کر اُن سے مسائل معلوم کرا تے تھے۔حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ اپنے زمانۂ ا َمارت میں دمشق میں مقیم تھے اور وقتِ ضرورت قاصد بھیج کر حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مسئلہ معلوم کر کے عمل کر تے تھے۔ قاصد شام سے چل کر مدینہ منورہ آتا اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے مسکن کے دروازے کے سامنے کھڑے ہو کر سوال کا جواب لے کر واپس چلا جاتا تھا۔( ماخوذ من ابن سعد)
بہت سے لوگ خطوط لکھ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے دینی معلومات حاصل کر تے تھے اور وہ اُن کو جواب لکھا دیتی تھیں ۔ عائشہ بنت طلحہ جو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی خصوصی شاگرد ہیں فرماتی ہیں
وَیَکْتُبُوْنَ اِلَیَّ مِنَ الْاَمْصَارِ فَاَقُوْلُ لِعَائِشَةَ یَاخَالَةُ ھٰذَا کِتَابُ فُلانِ وَھَدْیَتُہ فَتَقُوْلُ لِیْ عَائِشَةُ اَیْ بُنَیَّةُ اَجِیْبِیْہِ وَاَثِیْبِیْہِ۔
لوگ مجھے دُور دُور کے شہروں سے خطوط لکھتے تھے (اور ہدایا بھیجتے تھے ) میں عرض کرتی تھی کہ جان یہ فلاں شخص کا خط اور اُس کا ہدیہ ہے(فرمایئے اِس کا کیا جواب لکھوں ) وہ فرما دیتی تھیں کہ اے بیٹا اِسے (یہ) جواب لکھ دو اور ہدیہ کا بدلہ دے دو۔
حدیث شریف کی کتابوں میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے فتاویٰ بکثرت آتے ہیں ۔ لوگ اُن سے خصوصیت کے ساتھ آنحضرتؐ کی اَندرونِ خانہ زندگی کے متعلق معلومات کیا کرتے تھے اور وہ بہت بے تکلفی کے ساتھ جواب دیا کر تی تھیں ۔ چونکہ آنحضرتؐ سب کچھ سکھانے اور عمل کر کے دِکھانے کے لیے اللہ رب العزت کی طرف سے بھیجے گئے تھے اِس لیے آپ کی زندگی کے کسی پہلو کو آپ کی اَزواجِ مطہرات رضی اللہ عنہن نہیں چھپا تی تھیں ۔ حضرت اَسود فرماتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہ سے سوال کیا کہ رسول اللہؐ اپنے گھر میں کیا کر تے تھے؟ اُنہوں نے فرمایا اپنے گھر کے کام کاج میں مشغول رہتے تھے اور جب نماز کا وقت ہو جاتا تو نماز کے لیے تشریف لے جاتے تھے۔ (بخاری شریف)
ایک مرتبہ اُنہوں نے ذرا تفصیل سے یوں بیان فرمایا کہ آنحضرتؐ اپنی جوتی کی مرمت خود کیا کر تے تھے اور اپنا کپڑا خود سی لیتے تھے اور اپنے گھر میں اِس طرح خانگی کام کاج میں مشغول رہتے تھے جیسے تم لوگ اپنے گھروں میں کام کر تے ہو۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے یہ بھی فرمایا آنحضرتؐ اِنسانوں میں سے ایک اِنسان تھے۔ اپنے کپڑوں میں جوں خود دیکھ لیتے تھے اور اپنی بکری کا دُودھ خود دَوہ لیتے تھے اور اپنی خدمت خود کر لیتے تھے۔ (ترمذی شریف )
ایک مرتبہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ رسول اللہؐ لوگوں کی طرح بات میں بات نہیں پروتے چلے جاتے تھے بلکہ آپ کا کلام ایسا سُلجھا ہوا ہوتا تھا کہ ایک ایک کلمہ علیحدہ علیحدہ ہو تا تھا جسے پاس بیٹھنے والا با آسانی یاد کر لیتا تھا۔ (ترمذی شریف)
ایک مرتبہ سیّدِ عالمؐ کے ہنسنے کے متعلق حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ میں نے آپ کو کبھی پورے دانتوں اور داڑھوں کے ساتھ ہنستے ہوئے نہیں دیکھا جس سے آپؐ کے مبارک حلق کا کوّا دیکھا جاوے آپ تو بس مسکراتے تھے۔ (بخاری شریف )
آنحضرتؐ کی توصیف میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے یہ بھی فرمایا کہ آپ نے کبھی کسی کو اپنے دستِ مبارک سے نہیں مارا نہ کسی بیوی کو نہ کسی خادم کو۔ ہاں اللہ کی راہ میں جہاد کر تے ہوئے (اللہ کے دُشمن کو) مارا تو وہ دُوسری بات ہے اور آپؐ کو کسی سے کچھ کسی قسم کی اَذیت پہنچی تو اُس کا بدلہ کبھی نہیں لیا۔ ہاں اگر اللہ تعالیٰ کے حکم کے خلاف کسی سے کوئی کام ہو جاتا تو آپ اللہ کے لیے اُس کو سزا دیتے تھے۔(مشکوة )
حضرت سعد بن ہشام فرما تے ہیں کہ میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا کہ یااُمّ المؤمنین رسول اللہؐ کے اَخلاق و عادات کے متعلق اِرشاد فرمائیے کیسے تھے؟ اِس پر اُنہوں نے فرمایا کیا تم قرآن نہیں پڑھتے ہو؟ میں نے عرض کیا کیوں نہیں ۔ فرمایا آنحضرتؐ کی زندگی قرآن ہی تھی۔ (مشکوٰة شریف )یعنی اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں جن اَحکام کا حکم فرمایا ہے اور جن اَخلاق کو اختیار کرنے کا حکم فرمایا ہے وہ سب پورے آنحضرتؐ کی ذاتِ گرامی میں موجود تھے۔
حضرت عبد العزیز بن جریج روایت فرماتے ہیں کہ ہم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے دریافت کیا سید عالمؐ کن سورتوں سے نمازِ وتر اَدا فرماتے تھے۔ اِس کے جواب میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ پہلی رکعت میں سَبِّحِ اسْمَ رَبِّکَ الْاَعْلیٰ اور دُوسری رکعت میں قُلْ یٰآ اَیُّھَا الْکَافِرُوْنَ اور تیسری رکعت میں قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدُ پڑھا کر تے تھے۔ (مشکوة عن الترمذی و ابی داود و النسائی)
حضرت عفیف بن الحارث رضی اللہ عنہ بیان فرما تے ہیں کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے میں نے عرض کیا یہ تو فرمایئے کہ آنحضرتؐ پر غسل واجب ہوتا تھا تو اَوّل رات ہی میں غسل فرما لیتے تھے یا آخری رات میں ؟ اُنہوں نے فرمایا کبھی آپ نے اَوّل وقت ہی غسل فرما لیا اور کبھی آخری رات میں غسل فرما لیا۔ یہ سنتے ہی میں نے کہا اَللّٰہُ اَکْبَرُ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ جَعَلَ فِی الْاَمْرِ سَعَةً (اللہ اکبر سب تعریف اللہ کے لیے ہے جس نے اِس بارے میں گنجائش رکھی ہے )۔ اِس کے بعد میں نے عرض کیا یہ تو فرمائیے کہ آپ رات کے اَوّل وقت میں وتر اَدا فرما لیتے تھے یا رات کے پچھلے حصہ میں ؟ اِس کے جواب میں اُنہوں نے اِرشاد فرمایا کبھی آپ نے اَوّل رات میں وتر اَدا فرمائے اور کبھی آخری رات میں ۔ یہ سنتے ہی میرے منہ سے پھر وہی الفاظ نکلے اَللّٰہ اَکْبَرُ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ جَعَلَ فِی الْاَمْرِ سَعَةً۔ (ابو داود) اِس کے بعد میں نے سہ بار سوال کیا کہ (رات کو جب نفل اَدا فرماتے تھے تو)آپ قرأت زور سے پڑھتے یا آہستہ؟ اِس کے جواب میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ کبھی آپ نے زور سے قرأت پڑھی اور کبھی آہستہ پڑھی۔ یہ سن کر میرے منہ سے پھر (بے ساختہ) وہی کلمات نکلے اَللّٰہ اَکْبَرُ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ جَعَلَ فِی الْاَمْرِ سَعَةً۔
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا جانتی تھیں کہ سیّد عالمؐ کی زندگی ساری اُمت کے لیے نمونہ ہے۔ اِس لیے آنحضرتؐ کی ہر بات اَور ہر حرکت وسکون کو اُنہوں نے اچھی طرح محفوظ رکھا تھا۔ سیّدِ عالمؐ کے اَندرونی احوال اور رات کے اعمال حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے بہت مروی ہیں ۔
ایک روایت میں ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ سیّدِ عالمؐ (نمازِ تہجد سے فارغ ہو کر ) جب فجر کی دو سنتیں پڑھ لیتے تھے تو میں جاگتی ہوتی تو (نماز کے لیے مسجد کو جانے تک) مجھ سے باتیں فرماتے رہتے تھے ورنہ (ذرا دیر د ا ہنی کروٹ پر ) لیٹ جاتے تھے۔(مسلم شریف )
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے یہ بھی بیان فرمایا کہ سیّدِ عالمؐ جب رات کو نماز (نفل ) پڑھنے کے لیے کھڑے ہوتے تھے تو پہلے مختصر سی دو رکعتیں پڑھ لیتے تھے (اِس کے بعد لمبی سورتوں سے نماز اَدا فرماتے تھے ۔
حضرت عائشہ نے یہ بھی بیان فرمایا کہ سیّدِعالمؐ غیر فرض نمازوں میں جس قدر فجر کی دو رکعتوں کا خاص اِہتمام فرماتے تھے اَور کسی غیر فرض نماز کا اِس قدر اِہتمام نہیں فرماتے تھے۔ (مسلم شریف) یہ بھی روایت فرماتی تھیں کہ سیّدِ عالمؐ نے فرمایا کہ رَکَعَتَا الْفَجْرِ خَیْر مِّنَ الدُّنْیَا وَمَا فِیْہَا یعنی فجر کی دو سنتیں ساری دُنیا اور جو کچھ اِس میں ہے سب سے بہتر ہیں ۔(مسلم شریف)۔
ماخذ:
http://www.ilmedin.com/forum/ تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
سیرتِ عائشہ
سیرۃ النعمان علامہ شبلی نعمانیؒ
تذکرۃ النعمان علامہ محمد بن یوسف دمشقیؒ
جمع و ترتیب :عبد الباسط قاسمی
حالاتِ زندگی
شادی
رسول اللہ ﷺ کی سب سے پہلی بیوی حضرت خدیجہؓ بنت خویلد تھیں۔ ہجرت سے تین برس پہلے۶۵ برس کی عمر میں انھوں نے وفات پائی ، اس وقت آنحضرت ﷺ کی عمر شریف پچاس برس کی تھی ۔ایسی رفیق و غمگسار بیوی کی وفات کے بعد آنحضرت ﷺ بہت غمگین رہا کرتے تھے بلکہ اس تنہائی کے غم سے زندگی بھی دشوار ہوگئی تھی۔ جاں نثاروں کو اس کی بڑی فکر ہوئی۔ حضرت عثمانؓ بن مظعون ایک مشہور صحابی ہیں انکی بیوی خولہؓ بنت حکیم آپؐ کے پاس آئیں اور عرض کی یا رسول اللہ ؐ آپ دوسرا نکاح کرلیں۔ آپ ؐ نے فرمایا کس سے؟ خولہ نے کہا بیوہ اور کنواری دونوں طرح کی لڑکیاں موجود ہیں جس کو آپ پسند فرمائیں اس کے متعلق گفتگو کی جائے۔ فرمایا وہ کون ہیں؟ خولہ نے کہا بیوہ تو سودہ بنت زمعہ ہیں اور کنواری ابو بکرؓ کی لڑکی عائشہؓ۔ارشاد ہوا بہتر ہے تم ان کی نسبت گفتگو کرو۔حضرت خولہؓ رسول اللہ ﷺ کی مرضی پاکر پہلے حضرت ابو بکرؓ کے گھر آئیں اور ان سے تذکرہ کیا۔جاہلیت کا دستور یہ تھا کہ جس طرح سگے بھائیوں کی اولاد سے نکاح جائز نہیں ، عرب اپنے منھ بولے بھائیوں کی اولاد سے بھی شادی نہیں کرتے تھے ۔اس بناء پر حضرت ابوبکرؓ نے کہا ، خولہ! عائشہ تو آنحضرت ﷺ کی بھتیجی ہے، آپؐ سے اس کا نکاح کیونکر ہو سکتا ہے۔ حضرت خولہؓ نے آکر آنحضرتﷺ سے اس سلسلے میں پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا ابو بکرؓ میرے دینی بھائی ہیں اور اس قسم کے بھائیوں کی اولاد سے نکاح جائز ہے۔ حضرت ابوبکرؓ کو جب یہ معلوم ہوا تو انھوں نے قبول کر لیا ۔
حضرت عائشہؓ کم سن بچّی تھیں۔ کبھی کبھی بچپن کے تقاضے سے ماں کی مرضی کے خلاف کوئی بات کر بیٹھتیتھیں تو ماں سزاد یتی تھیں۔آنحضرت ﷺ اس حال میں دیکھتے تو رنج ہوتا۔ اس بناء پرانکی ماں حضرت امّ رومانؓ سے تاکید فرما دی تھی کہ ذرا میری خاطر ان کو ستانا نہیں۔ ایک بار آپ حضرت ابوبکرؓ کے گھر تشریف لائے تو دیکھا کہ حضرت عائشہ کواڑ سے لگ کر رو رہی ہیں ۔ آپؐ نے حضرت ام رومانؓ سے کہا کہ تم نے میری بات کا لحاظ نہیں کیا۔ انھوں نے عرض کی یا رسول اللہ! یہ باپ سے میری بات جاکر لگاآتی ہے۔ آپؐ نے فرمایا جو کچھ بھی کرے لیکن اس کو ستاؤ نہیں۔
حدیثوں میں آیاہے کہ نکاح سے پہلے آنحضرت ﷺ نے خواب دیکھا کہ ایک فرشتہ ریشم کے کپڑے میں لپیٹ کر آپؐ کے سامنے کوئی چیز پیش کر رہا ہے۔ پوچھا کیا ہے؟ جواب دیا کہ یہ آپ ؐ کی بیوی ہیں۔ آپؐ نے کھول کر دیکھا تو حضرت عائشہؓ تھیں۔حضرت عائشہ کا جب نکاح ہو ا تو وہ اس وقت چھ۶ برس کی تھیں۔یہ نکاح مئی ۶۲۰ ء میں ہوا۔ اس کم سنی کی شادی کا اصل مقصد نبوت اور خلافت کے درمیان تعلقات کی مضبوطی تھی ویسے بھی عرب کی گرم آب وہوا میں لڑکیوں کی جسمانی ترقی بہت تیز ہوتی ہے اور پھر یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ جس طرح ممتاز لوگوں کی ذہنی اور دماغی ترقی بہت تیز ہوتی ہے اسی طرح قد وقامت کی ترقی بھی بہت تیز ہوتی ہے۔ بہر حال اس کم سنی میں آنحضرت ﷺ کا حضرت عائشہ سے نکاح کرنا اس بات کی صریح دلیل ہے کہ لڑکپن ہی سے ان میں غیر معمولی عقل وفہم اور سمجھ بوجھ کے آثار نمایاں تھے۔
حضرت عطیہؓ حضرت عائشہؓ کے نکاح کا واقعہ اس سادگی سے بیان کرتی ہیں کہ ’’ حضرت عائشہؓ لڑکیوں کے ساتھ کھیل رہی تھیں۔ ان کی ماں آئیں اور ان کو لے گئیں۔ حضرت ابو بکرؓ نے آکر نکاح پڑھا دیا۔‘‘
مسلمان عورت کی شادی صرف اسی قدر اہتمام چاہتی ہے۔ لیکن آج ایک مسلمان لڑکی کی شادی فضول خرچی اور مشرکانہ رسم ورواج کا مجموعہ ہے۔ لیکن کیا خود سرور عالم ﷺ کی یہ مقدس تقریب اس کی عملی تکذیب نہیں ؟ حضرت عائشہ کہتی ہیں کہ جب میرا نکاح ہوا تو مجھ کو خبر تک نہ ہوئی کہ میرا نکاح ہو گیا۔ جب میری والدہ نے باہر نکلنے میں روک ٹوک شروع کی تب میں سمجھی کہ میرا نکاح ہوگیا۔ اس کے بعد میری والدہ نے مجھے سمجھا بھی دیا۔
حضرت عائشہؓ کا مہر رسول اللہﷺ نے پانچ سو درہم مقرر فرمایا تھا جو ۱۳۱ تولہ اور تین ماشہ چاندی کے برابر ہے۔ بہر حال مہر کی ا س مقدار کا مقابلہ آج کل کے زر مہرکی تعداد سے کرو جو ہمارے ملک میں جاری ہے۔ آج مہر کی کمی خاندان کی ذلّت سمجھی جاتی ہے لیکن کیا اسلام کا کوئی خاندان خانوادۂ صدیقؓ سے شریف تر ہے اور کوئی مسلمان لڑکی صدیقۂ کبریٰؓ سے زیادہ بلند پایہ ہے؟
ہجرت
حضرت عائشہؓ نکاح کے بعد تقریباً تین برس تک میکہ ہی میں رہیں۔ دو برس تین مہینے مکہ میں اور سات مہینے ہجرت کے بعد مدینہ میں ۔
حضرت عائشہؓ بیان کرتی ہیں کہ آپؐ روزانہ صبح یا شام کو حضرت ابوبکرؓ کے گھر بلا ناغہ آیا کرتے تھے ۔ایک دن خلاف معمول چہرۂ مبارک چادر سے لپیٹے دوپہر کو تشریف لائے ۔ حضرت ابو بکرؓ کے پاس حضرت عائشہ اور حضرت اسماءؓ دونوں صاحبزادیاں بیٹھیں تھیں ۔ آپ نے پکارکر آواز دی کہ ابو بکر ذرا لوگوں کو ہٹا دو میں کچھ باتیں کرنا چاہتا ہوں۔ عرض کی کہ یا رسول اللہ ﷺ یہاںکوئی غیر نہیں ، آپؐ ہی کے گھر والے ہیں۔ آپؐ تشریف لائے اور ہجرت کا خیال ظاہر فرمایا۔ حضرت عائشہ اور حضرت اسمائؓ نے مل جل کر سامان سفر درست کیا ۔دونوں صاحبوں نے مدینہ کی راہ لی اور بال بچوں کو یہیں دشمنوں کے بیچ چھوڑ گئے جس دن یہ مختصر قافلہ دشمنوں کی گھاٹیوں سے بچتا ہوا مدینہ پہنچا، نبوّت کا چودہواں سال اور ربیع الاوّل کی بارہویں تاریخ تھی۔
مدینہ میں ذرا اطمینان ہوا تو آپ ؐ نے بیوی بچّوں کے لانے کے لئے حضرت زیدبن حارثہؓ اور اپنے غلام ابو رافعؓ کو مکہ بھیجا۔ حضرت ابو بکرؓ نے بھی اپنا آدمی بھیج دیا۔ چنانچہ حضرت عبد اللہ ابن ابی بکرؓ اپنی ماں اور دونوں بہنوں کو لیکر مکہ سے روانہ ہوئے ۔اتفاق سے جس اونٹ پر حضرت عائشہؓ سوار تھیں وہ بھاگ نکلا اور اس زور سے دوڑا کہ ہر منٹ پر یہ ڈر تھا کہ اب پالان گرا اور اب گرا۔ عورتوں کا جیسا قاعدہ ہے ماں کو اپنی پرواہ تو نہ تھی لیکن بیٹی کے لئے زارو قطار رونے لگیں۔آخر میلوں پر جاکر جب اونٹ پکڑا گیا تو ان کو تشفی ہوئی ۔یہ مختصر قافلہ جب مدینہ پہنچا تو آنحضرت ﷺ اس وقت مسجد نبویؐ اور اس کے آس پاس مکانات بنوارہے تھے ۔ آنحضرت ﷺ کی دونوں صاحبزادیاں حضرت فاطمہؓ اور حضرت ام کلثومؓ اور آپ کی بیوی حضرت سودہؓ بنت زمعہ اسی نئے گھر میں اتریں ۔
رخصتی
حضرت عائشہؓ اپنے عزیزوں کے ساتھ بنو حارث بن خزرج کے محلّہ میں اتریں او ر سات آٹھ مہینے تک یہیں اپنی ماں کے ساتھ رہیں۔ اکثر مہاجرین کو مدینہ کی آب وہوا راس نہیں آئی اور بہت سارے لوگ بیمار پڑگئے۔ حضرت ابوبکرؓ سخت بخار میں مبتلا ہو گئے کم سن بیٹی اس وقت اپنے بزرگ باپ کی تیمار داری میں مصروف تھی ۔ حضرت عائشہؓ نے آکر آنحضرت ﷺ سے کیفیت عرض کی ۔ آپ نے دعا فرمائی، اس کے بعد وہ خود بیمار پڑیں اور اب باپ کی غمخواری کا موقع آیا۔ حضرت ابو بکرؓ بیٹی کے پاس جاتے او ر حسرت سے منھ پر منھ رکھ دیتے ۔یہ اس شدّت کی بیماری تھی کہ حضرت عائشہؓ کے سر کے تمام بال گر گئے۔ صحت ہوئی تو حضرت ابو بکرؓ نے آکر عرض کی یا رسول اللہﷺ اب آپ اپنی بیوی کو اپنے گھر کیوں نہیں بلوالیتے؟ آپؐ نے فرمایا کہ اس وقت میرے پاس مہر ادا کرنے کے لئے روپئے نہیں ہیں۔ گذارش کی کہ میری دولت قبول ہو۔ چنانچہ رسو ل اللہ ﷺ نے حضر ت ابو بکرؓ سے قرض لے کر حضرت عائشہؓ کے پاس بھجوادئیے۔ اس واقعہ سے ان لوگوں کو عبرت حاصل کرنی چاہئیے جو مہر کو دنیا کا وہ قرض سمجھتے ہیں جس کی ادائیگی ضروری نہیں ۔ مہر عورت کا حق ہے اور اس کو ملنا چاہئے۔
مدینہ گویا حضرت عائشہؓ کی سسرال تھی۔ انصار کی عورتیں دلہن کو لینے حضرت ابوبکرؓ کے گھر آئیں۔ حضرت امّ رومانؓ نے بیٹی کو آواز دی ، وہ اس وقت سہیلیوں کے ساتھ جھولا جھول رہی تھیں ۔ آواز سنتے ہی ماں کے پاس ہانپتی کانپتی دوڑی آئیں۔ ماں بیٹی کا ہاتھ پکڑے دروازہ تک لائی، وہاں منھ دھلا کر بال سنوار دیئے ، پھر ان کو اس کمرے میں لے گئیں جہاں انصار کی عورتیں دلہن کے انتظار میں بیٹھیں تھیں ۔ دلہن جب اندر داخل ہوئی تو مہمانوں نے علی الخیر والبرکۃ و علیٰ خیر طائرٍ یعنی’’ تمہار ا آنا بخیر وبابرکت اور فال نیک ہو‘‘ کہہ کر استقبال کیااور دلہن کو سنوارا۔ تھوڑی دیر کے بعد خود آنحضرتﷺ بھی تشریف لائے۔ اس وقت آپؐ کی ضیافت لئے دودھ کے ایک پیالہ کے سواکچھ نہ تھا۔ حضرت اسمائؓ بنت یزید حضرت عائشہؓ کی ایک سہیلی بیان کرتی ہیں کہ میں اس وقت موجود تھی کہ آنحضرت ﷺ نے پیالہ سے تھوڑا سادودھ پی کر حضرت عائشہؓ کی طرف بڑھایا، وہ شرمانے لگیں ۔ میں نے کہا رسول اللہ ﷺ کا عطیہ واپس نہ کرو۔انھوں نے شرماتے شرماتے لے لیا اور ذرا سا پی کر رکھ دیا۔ آپؐ نے فرمایا کہ اپنی سہیلیوں کو دو۔ ہم نے عرض کی یا رسول اللہ اس وقت ہم کو خواہش نہیں۔ فرمایا جھوٹ نہ بولو، آدمی کا ایک ایک جھوٹ لکھا جاتا ہے۔یہ رخصتی شوال ۱ھ مطابق ۶۲۳ ء میں ہوئی جب حضرت عائشہؓ نو برس کی تھیں۔ ان بیانات سے اتنا ہر شخص سمجھ سکتا ہے کہ حضرت عائشہؓ کا نکاح ، مہر ، رخصتی غرض ہر رسم کس سادگی سے ادا کی گئی تھی، جس میں تکلّف ،دکھاوا اور فضول خرچی کا نام تک نہیں۔ وَ فِی ذَالِکَ فَلْیَتَنَافَسِ الَمُتَنَافِسُونْ( اور یہ وہ چیز ہے جس میں سبقت کرنے والے کو سبقت کرنا چاہئے)۔( المطففین۔۲۶)
حضرت عائشہؓ کے نکاح کی تقریب کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس کے ذریعہ سے عرب کی بہت سے بیہودہ اور بری رسموں کی بندشیں ٹوٹیں جیسے منہ بولے بھائی کی لڑکی سے شادی نہ کرنا، شوال میں شادی نہ کرنا وغیرہ۔
***
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)