دین و مذہب

سینما میں نماز

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (11,627 الفاظ)

سینما میں نماز

دلاور فگار

ترتیب: اعجاز عبید

انٹرویو نریش کمار شاد

شاد اے میرے دوست اے رفیق من کون سا شہر آپ کا ہے وطن

فگار ہے بدایوں میرا عزیز وطن یہ ہمیشہ سے ہے میرا مسکن

شاد یہ بھی معلوم ہے وہ سن کیا تھا آپ دنیا میں جب ہوئے پیدا

فگار سن تھا انتیس بیسویں تھی صدی میں نے دنیا میں آنکھ جب کھولی

شاد آنکھ کھولی تو پھر میرے بھائی اپنی تعلیم کس جگہ پائی

فگار ہے بدایوں میں اک بڑا کالج جہاں حاصل ہوئی مجھے نالج

شاد یہ بھی فرمایئے گا شاد نواز شاعری کا کیا تھا کب آغاز

فگار سن بیالیس میں بنا شاعر جذبۂ شوق ہو گیا ظاہر

شاد ٹھیک ہے جذب شوق کا اظہار کیوں بنے لیکن آپ طنز نگار

فگار کیا کہوں کیوں بنا ہوں طنز نگار حادثوں نے بنا دیا ہے فگار

شاعری کا مرض ازل سے تھا پہلے رشتہ فقط غزل سے تھا

رفتہ رفتہ بدل گیا میلان میں ہوں اب اور طنز کا میدان

شاد بے تکلف بتائیے گا ذرا آپ کا شعر اولیں کیا تھا

فگار سب سے پہلا جو شعر تھا میرا اب مجھے یاد ہی نہیں آتا

شاد یہ دلاور فگار ہے کیا شے آپ کا نام یا تخلص ہے

فگار ہے دلاور حسین میرا نام اور تخلص فگار بہر کلام

شاد کون حضرت ہیں آپ کے استاد یا ازل سے ہیں آپ بے استاد

فگار جام و سبطین و جامی و جوہر میرے استاد ہیں یہ اہل نظر

شاد کون سے ہیں وہ شاعر ان بلند آپ کو ہیں جو بالخصوص پسند

فگار جگر و میر و غالب و اقبال میں سمجھتا ہوں ان کو اہل کمال

شاد جو بقید حیات شاعر ہیں کیا وہ سب واہیات شاعر ہیں

فگار اب یہ کیوں کر کہوں بآسانی وقت کوتاہ قصہ طولانی

ہیں جو شاعر میرے پسندیدہ اکثریت ہے ان میں سنجیدہ

ان سے قطع نظر کچھ اور بھی ہیں اور کچھ لوگ زیر غور بھی ہیں

شاد آپ کو اے میرے کرم فرما کوئی شاعر ہے ناپسند بھی کیا

فگار یہ بتانے میں ہے جو بیم فساد

شاد پھر یہی کیجئے حضور ارشاد کس طرح آپ شعر کہتے ہیں

فگار جس طرح آپ شعر کہتے ہیں

شاد نامناسب ہے میری بات یہاں زیر بحث آپ کی ہے ذات یہاں

فگار شعر کہتا ہوں میں بنا کر دھن بھول جاتا ہوں فاعلن فعلن

شاد

کھل کے فرمائیے جناب من آپ ہیں یا نہیں ہیں واقف فن

فگار آگہی فن سے خاص کر ہے مجھے بحر و اوزان کی خبر ہے مجھے

شاد آپ ہوتے اگر نہ طنز نگار آپ کیا ہوتے پھر جناب فگار

فگار نہیں ہوتا اگر میں طنز نگار چور بنتا نہ کوئی ساہو کار

صرف شاعر نہ میں اگر ہوتا کسی آفس میں آفیسر ہوتا

شاد ایسا دلچسپ حادثہ کوئی جس سے وابستہ ہو سخن گوئی

فگار کوئی بھی ایسی خاص بات نہیں کوئی رنگین واردات نہیں

عمر اب تک تو صاف گزری ہے قاعدے کے خلاف گزری ہے

شاد بہر اردو مشاعرے ہیں مفید اس کی تردید یا کریں تائید

فگار بہر اردو مشاعرے ہیں مفید فی زمانہ غلط ہے یہ امید

واقعی گر مشاعرہ ہوتا فکر و فن کا مظاہرہ ہوتا

شاعری بن گئی ہے قوالی وائے بر سعئی غالب و حالی

اب ادب کی یہ قدر و قیمت ہے خیر جو کچھ بھی ہے غنیمت ہے

شاد شاعری کے علاوہ خبط کوئی کیا سیاست سے بھی ہے ربط کوئی

فگار میں سیاست سے دور رہتا ہوں مئے الفت سے چور رہتا ہوں

شاد اب یہ فرمایئے گا باالتخفیف بہتریں شعر کی ہے کیا تعریف

فگار ہے وہی شعر قدر کے قابل جس کو سن کر تڑپ اٹھے ہر دل

شاد ہیں ادب کی جو دوسری اصناف ان کے کوچوں کا بھی کیا ہے طواف

فگار شاعری کے علاوہ سب اصناف کر چکی ہیں مرا قصور معاف

شاد شاعری جس کی ہو بہت اچھی کیا وہ ہوتا ہے اچھا انساں بھی

فگار جس میں انسان کی صفات نہیں شاعری اس کے بس کی بات نہیں

شاد ہند میں اے سخن ور خوش دل کیا ہے اردو زباں کا مستقبل

فگار جسم اردو اگرچہ ہے فانی روح اردو نہ مر سکے گی کبھی

شاد کیا ادب پر جمود طاری ہے ہے تو پھر کس کی ذمہ داری ہے

فگار ہاں ادب پر جمود طاری ہے اس کی ہم سب پہ ذمہ داری ہے

جب ادیبوں کی فکر ہو محدود کیوں نہ طاری ہو پھر ادب پہ جمود

اب ادب بن گیا ہے دجہ معاش ہم بھی عیاش آپ بھی عیاش

شاد کیا حقیقت ہے ساغر و مے خوار کیوں سخن ور بنے نریش کمار

فگار شاعری خود ہے اک طرح کا خمار یوں سخن ور بنے نریش کمار

شاد خیر بنئے نہیں نریش کمار لیکن اے نوجوان خوش اطوار

واقعی مے اگر بری شے ہے شاعری کیوں قصیدہ مے ہے

لذت مے سے ہوں جو بیگانہ شعر بھی کیوں کہیں وہ رندانہ

شعر میں مے کشی کا کیوں پرچار جب نہیں آپ مطلقاً مے خوار

فگار میری مے واقعی شراب نہیں میری نیت کبھی خراب نہیں

بے پئے میں نشے میں رہتا ہوں ہر نفس کو شراب کہتا ہوں

کاسۂ گل ہے میرا پیمانہ بزم فطرت ہے میرا میخانہ

استعارے ہیں ساغر و مینا مقصد مے کشی نہیں پینا

روک سکتا نہیں مجھے قانون میں نہیں کھاتا بھنگ یا افیون

میری مے پر نہ جایئے صاحب اپنے مقصد پہ آیئے صاحب

شاد یہ تو وہ بات ہو گئی سرکار خوئے بد را بہانہ بسیار

خیر کہیے کہ شعر کہنے کا آپ کے سامنے ہے مقصد کیا

فگار مقصدی شاعری کا قائل ہوں ادب نو کی سمت مائل ہوں

میری ہر نظم بالضرورت ہے میرا پیغام آدمیت ہے

خواہ ہندو ہوں یا مسلماں ہوں میری کوشش ہے لوگ انساں ہوں

آہ کو واہ میں سموتا ہوں دوسروں کو ہنسا کے روتا ہوں

شاد

ایک بات اور آپ سے پوچھوں دوسروں کو ہنسا کے رونا کیوں

کیوں ہے پس منظر طرب تاریک کیا حقیقت میں آپ کے نزدیک

طنز ہے آتش الم کا شرار اور ظرافت ہے غم کی پیداوار

فگار ہاں ظرافت ہے غم کی پیداوار طنز ہے اک دل تپاں کا بخار

جب دلاور فگار ہوتا ہے وہ ظرافت نگار ہوتا ہے

اکبر و جعفری ہوں یا شوکت سب کو غم سے ملی ہے یہ دولت

شاد ہو فزوں آپ کا یہ سرمایا

فگار پھر ملیں گے اگر خدا لایا

رشوت

حاکم رشوت ستاں فکر گرفتاری نہ کر
کر رہائی کی کوئی آسان صورت چھوٹ جا
میں بتاؤں تجھ کو تدبیر رہائی مجھ سے پوچھ
لے کے رشوت پھنس گیا ہے دے کے رشوت چھوٹ جا

کیسا غنڈہ تھا!

اس خبر پر تو نہیں مجھ کو تعجب اے فگار
ایک غنڈہ حلقۂ بجنور میں پکڑا گیا
ہاں اگر تھوڑی سی حیرت ہے تو صرف اس بات پر
کیسا غنڈہ تھا کہ وہ اس دور میں پکڑا گیا

ہلو ہلو

فرمان وقت یہ ہے کہ اے صاحبان دل
آداب عقد کو بھی بدلتے ہوئے چلو
پہلے نکاح ہوتا تھا قاضی کی معرفت
اب صرف یہ کہ فون پہ کہہ دو ’’ہلو ہلو‘‘

نیلام

ہم چل دیئے وطن سے تو اپنا متاع و مال
سب کچھ نثار گردش ایام کر دیا
دل رہ گیا تھا ایک بت دلربا کے پاس
کسٹوڈین نے اس کو بھی نیلام کر دیا

سینما میں نماز

کل سینما میں نظر آئے جناب واعظ
میں نے پوچھا کہ ہے کیا آپ کو بھی ذوق مجاز
بولے، ہاں ساتھ ہی کچھ عشق حقیقی بھی ہے
میں سینما میں ہی پڑھ لیتا ہوں مغرب کی نماز

تصلخ (تخلص)

نام پوچھا جو ایک صاحب سے
ہنس کے بولے کہ بو علی پخ ہے
میں نے پوچھا کہ پخ سے کیا مطلب
مسکرا کر کہا ’’ تصلخ ‘‘ ہے

جنازِ نمازہ

کوئی شیخ صاحب سے کہہ دے فگار
امامت کا رتبہ بڑھا دیجئے
نمازِ جنازہ نہ ہو یاد اگر
جنازِ نمازہ پڑھا دیجئے

بغاوت

ادھر لڑکے بغاوت کے لیے تیار بیٹھے ہیں
ادھر حکام بھی غافل نہیں بیدار بیٹھے ہیں
نتیجہ اس کشا کش کا یہ نکلا، ماسٹر صاحب
کسی بوڑھی طوائف کی طرح بیکار بیٹھے ہیں

بیل گاڑی

اک بڑے افسر کو کل اک حادثہ پیش آ گیا
بیل گاڑی لڑ گئی صاحب کی موٹر کار سے
کار کی اسپیڈ تو زیرو تھی صاحب کے بقول
بیل گاڑی جا رہی تھی ساٹھ کی رفتار سے

کلام مستعار

کسی مشاعرہ سے قبل اک بڑے استاد
جو اتفاق سے شاعر بھی اتفاقی ہیں
کسی سے بولے کہ دو دن کو اک غزل دے دو
مشاعرہ میں فقط دو ہی روز باقی ہیں

استعمال

غلط فہمی ہے شاعر کی اگر اس کو یہ دعویٰ ہے
کہ اہل ذوق فن کاروں کا استقبال کرتے ہیں
حقیقت صرف اتنی ہے کہ ہر شاعر کو اہل دل
بطور آلہ تفریح ’’ استعمال ‘‘ کرتے ہیں

قوم و ملک

قوم اور ملک میں لازم تو نہیں یک رنگی
ایک جغرافیہ داں کا یہ خیال اچھا ہے
دور کیوں جاتے ہو خود اپنے وطن کو دیکھو
قوم کا حال برا، ملک کا حال اچھا ہے

طالبہ

ہم بارہویں کلاس میں جب اسٹوڈنٹ تھے
گھنٹہ تھا ایک روز کسی لیکچرار کا
وہ نوٹس بولتا تھا مگر ایک طالبہ
افسانہ لکھ رہی تھی دل بے قرار کا

جیل میں مشاعرہ

ہوئی تھی جیل میں اک محفل سخن جس میں
پیامؔ و رونقؔ و شوقؔ و فگارؔ پہنچے تھے
اسیر حجرۂ زنداں سے داد لینے کو
اسیر حلقہ گیسوئے یار پہنچے تھے

مشاعرے کے لیے

بغیر داد سخن زندہ رہ نہیں سکتے
یہ لوگ جن کو غم شاعری نے مارا ہے
مشاعرہ سے غرض ہے وہ جیل ہی میں سہی
مشاعرہ کے لیے جیل بھی گوارا ہے

شاعر

اللہ میاں نے فورڈ کو تاجر بنا دیا
جمن کو پالیٹکس کا ماہر بنا دیا
ہر شخص کو بنایا وہ جو کچھ بھی بن سکا
جو کچھ نہ بن سکا اسے شاعر بنا دیا

برتھ کنٹرول

لیٹے ہوئے تھے ریل کے ڈبے میں اک بزرگ
گویا کہ پوری برتھ وہی لے چکے تھے مول
ٹوکا کسی نے ان کو تو کہنے لگے جناب
نہرو نے کہہ دیا ہے کرو برتھ کنٹرول

صلح جو مرغے

بڑے ہی نیک دل و صلح جو ہیں یہ شاعر
مشاعروں میں یہ بالجبر لائے جاتے ہیں
بغیر داد کے ان میں جھڑپ نہیں ہوتی
یہ مرغ خود نہیں لڑتے، لڑائے جاتے ہیں

شہنشاہ ترنم!

اے شہنشاہِ ترنم یہ ترنم کیا خوب
لوگ آواز کے جھٹکے ہی سے ہل جائیں گے
یہ دعا مانگ سلامت رہے تیری آواز
رہ گئے شعر تو مانگے سے بھی مل جائیں گے

اک سامعین

شاعروں کا اک عظیم الشان جلسہ تھا فگار
حاضرین بزم تھے اس بزم میں گنتی کے تین
اور ان تینوں کی تفصیلات بھی سن لیجئے
اک جناب صدر، اک سیکریٹری، اک ’’سامعین‘‘

فلسفہ

فگار شعر کی تعریف بس یہی تو نہیں
کسی طریقہ سے مفہوم شعر ادا ہو جائے
کم از کم اتنا تو اونچا ہو شعر کا مضمون
اگر سمجھ میں نہ آئے تو فلسفہ ہو جائے

صراحی دار گردن

اے فقیہان وطن تم کو اجازت ہے کہ تم
ذوق مے نوشی بڑھے جس سے وہ برتن توڑ دو
پھوڑ دو ان مست آنکھوں کے سرور انگیز جام
ان حسینوں کی صراحی دار گردن توڑ دو

سخن فہم قلی

ایک اسٹیشن پہ جم کہ رہ گئی تھی کیوں ٹرین
یہ حقیقت دیکھنے والوں پہ مشکل سے کھلی
گارڈ صاحب مرحمت فرما رہے تھے اک غزل
داد پرواز تخیل دے رہے تھے کچھ قلی

انڈے کی قوم

طالبان علم کی نالج کو کیا کہئے فگارؔ
عدن پڑھتے ہیں عدن کو روم کو کہتے ہیں روم
ایک علامہ نے اظہار لیاقت یوں کیا
ملت بیضا کے معنی لکھ دیئے انڈے کی قوم

بحث

شاعر میں اور شعر میں ایک بحث چھڑ گئی
وہ بحث جس کا لطف اٹھائے ہوئے ہیں ہم
شاعر تو کہہ رہا تھا کہ ہم نے کہا ہے شعر
اور شعر کہہ رہا تھا چرائے ہوئے ہیں ہم

قاتل؟

پولیس والے کسے ٹھہرائیں قاتل؟
کہاں تک جھوٹے افسانے تراشیں
کوئی قاتل نہیں ہوتا کسی کا
خود اپنا قتل کر لیتی ہیں لاشیں

رہبران ملک

یہ رہبران ملک جو خود محو خواب ہیں
بیدار کر رہے ہیں کچھ اس طرح قوم کو
جس طرح رات کو کوئی خوابیدہ پاسباں
بڑبڑاتے میں یہ کہنے لگے ’’ جاگتے رہو ‘‘

مصرع سکڑ گیا

سکتہ تھا ایک شاعر اعظم کے شعر میں
یہ دیکھ کر تو میں بھی تعجب میں پڑ گیا
پوچھی جو اس کی وجہ تو کہنے لگے جناب
سردی بہت شدید تھی، مصرع سکڑ گیا

افلاس اور شاعری

وہ بری چیز ہے افلاس کہ اللہ بچائے
اچھے اچھوں اک برا حال بنا دیتا ہے
کبھی قوالوں سے کہتا ہے کہ شاعر بن جاؤ
شاعروں کو کبھی قوال بنا دیتا ہے

بھارتی لیڈر

گرانی، مفلسی، بے روزگاری، قط، بیماری
یہ فتنے کیا ہماری موت کا کاشن نہیں دیتے
مگر یہ خوش بیاں لیڈر، یہ ناکارہ سیاست داں
فقط بھاشن دیئے جاتے ہیں اور راشن نہیں دیتے

پٹاخہ

اگرچہ پورا مسلمان تو نہیں لیکن
میں اپنے دین سے رشتہ تو جوڑ سکتا ہوں
نماز و روزہ و حج و زکوٰۃ کچھ نہ سہی
شب برات پٹاخہ تو چھوڑ سکتا ہوں

برات کی گرفتاری

پکڑ گئی ہے کلرکوں کی جب سے ایک برات
براتیوں پہ بھی مجھ کو نہیں رہا ہے یقیں
میں ہر برات میں شرکت سے پہلے سوچتا ہوں
کہ اس برات کا رخ جیل کی طرف تو نہی

دعائے نجات

کسی شاعر نے اک محفل میں نوے (۹۰) شعر فرمائے
ردیف و قافیہ یہ تھا دعا کر دے، دوا کر دے
کہیں مقطع نہ پا کر ایک سامع نے دعا مانگی
اللہ رب العالمین! اس قید سے مجھ کو رہا کر دے

شاعر مرگیا

شاعروں نے رات بھر بستی میں واویلا کیا
داد کے ہنگامہ سے پورا محلہ ڈر گیا
اک ضعیفہ اپنے بیٹے سے یہ بولی صبح کو
رات کیسا شور تھا، کیا کوئی شاعر مر گیا

چائے نوش گدھا

گدھے کرنے لگے ہیں چائے نوشی
مگر انسان بھوکوں مر رہے ہیں
تنزل کی طرف مائل ہے انساں
گدھے کافی ترقی کر رہے ہیں

مقدر کی بات

ڈرائیور کی خطا ہے نہ گارڈ کی تقصیر
ٹرین خود سبب حادثات ہوتی ہے
کوئی پہنچ گئی منزل پہ کوئی لیٹ گئی
یہ گاڑیوں کے مقدر کی بات ہوتی ہے

ان ٹائم پارسل

پارسل جب وقت پر آیا تو سب حیران تھے
آج تو بالکل ہی ان ٹائم تھا اپ ٹو ڈیٹ تھا
بعد ازاں تحقیق پر یہ راز سر بستہ کھلا
پچھلے دن کا پارسل چوبیس گھنٹے لیٹ تھا

ہیڈ آف دی اردو ڈپارٹمنٹ

اک یونیورسٹی میں کسی سوٹ پوش سے
میں نے کہا کہ آپ ہیں کیا کوئی سارجنٹ
کہنے لگے کہ آپ نہیں جانتے مجھے
’’ آئی ایم دی ہیڈ آف دی اردو ڈپارٹمنٹ ‘‘

زینہ بہ زینہ

سناتا ہوں تمہیں آج اک لطیفہ ملا ہے مجھ کو جو سینہ بہ سینہ

سنا یہ ہے کہ اک بیٹا کسی کا مکمل مرد، اولاد نرینہ

نئی طرز خطابت لے کے اٹھا ڈبونے کو قدامت کا سفینہ

نئی خط و کتابت کا یہ موجد سمجھتا تھا خطابت کا قرینہ

نہیں پہنچے تھے اس منزل پہ غالب جہاں یہ چڑھ گیا زینہ بہ زینہ

نئے انداز سے خط اس نے لکھا کہاں کی ڈیٹ اور کیسا مہینہ

نہ لکھا قبلہ و کعبہ پدر کو جڑا کچھ اور ہی خط میں نگینہ

گزر کر ان حدوں سے اس نے لکھا
میرے والد! میرے مکہ، مدینہ

شاعر کی پریشانی

کسی مشاعرہ سے قبل ایک شاعر کو یہ فکر تھی کہ کمی انتظام میں کیا ہے

وہ کہہ رہا تھا کہ اے بانیان بزم سخن
کلام تو میں پڑھوں گا کلام میں کیا ہے

نہیں خواص میرے قدر داں تو بھاڑ میں جائیں
یہ دیکھئے میری شہرت عوام میں کیا ہے

نہ مجھ کو دودھ سے پرہیز ہے نہ وسکی سے فضول بحث حلال و حرام میں کیا ہے

ملی نہ وسکی تو ٹھرا ہی نوش کر لوں گا
مجھے تو کام سے مطلب ہے نام میں کیا ہے

مجھے یہ ضد بھی نہیں ہے کہ سب کے بعد پڑھوں
مجھے کہیں بھی پڑھا دو، مقام میں کیا ہے

نہ یہ ضرور کہ ہوٹل میں مجھ کو ٹھہراؤ
مجھے کہیں بھی لٹا دو، قیام میں کیا ہے

ملے گی داد تو آداب عرض کر لوں گا روایتاً ہی سہی اک سلام میں کیا ہے

مگر مجھے تو ہے اس وقت یہ پریشانی کلام پڑھنے سے پہلے طعام میں کیا ہے

گہر ہونے تک

جادہ فن میں بڑے سخت مقام آتے ہیں مر کے رہ جاتا ہے فنکار امر ہونے تک

کتنے غالبؔ تھے کہ پیدا ہوئے اور مر بھی گئے
قدر دانوں کو تخلص کی خبر ہونے تک

کتنے اقبالؔ رہ فکر میں اٹھے لیکن راستہ بھول گئے ختم سفر ہونے تک

کتنے شبیر حسن خاں بنے جوشؔ کبھی مر گئے کتنے سکندر بھی جگرؔ ہونے تک

فیضؔ کا رنگ بھی اشعار میں آ سکتا ہے
انگلیاں ساتھ تو دیں خون میں تر ہونے تک

ہم نے دیکھے ہی کہاں ہیں وہ ندیمؔ اور فراقؔ
جو بہر رنگ نہ جل پائے سحر ہونے تک

دل شاعر پہ کچھ ایسی ہی گزرتی ہے فگارؔ
جو کسی قطرہ پہ گزرے ہے گہر ہونے تک

بدایوں کی لاری

گھر آنے کو جب مل نہ سکی کوئی سواری
سوچا کہ چلو چل کے پکڑ لیں کوئی لاری

اپنے سے بھی ناراض پسنجر سے بھی برہم آمادہ پیکار تھا، کنڈکٹر اعظم

اس سوچ میں تھا بس کو چلائے، نہ چلائے
ڈر تھا کہیں رستہ میں دھرا ٹوٹ نہ جائے

جب چڑھ گئی ہر ایک سواری پہ سواری اس وقت بریلی سے روانہ ہوئی لاری

اللہ رے لاری کی وہ اٹھلاتی ہوئی چال میکے سے دلہن چلنے لگی جانب سسرال

لاری کو گوارا ہی نہ تھی منت مہمیز آزاد طبیعت تھی کبھی سست کبھی تیز

رستے میں ہر افتاد و مصیبت کا تھا امکاں
لاری ہی پہ لکھا تھا کہ ’’ اللہ نگہبان ‘‘

سیدھی عدم آباد کو جاتی تھی یہ لاری مخلوق کو خالق سے ملاتی تھی یہ لاری

ملتا تھا ٹکٹ بس میں شہیدوں کے جہاں کا
’’ دنیا سے گزرنا سفر ایسا ہے کہاں کا ‘‘

یوں ہارن بجاتی تھی کہ سن کر کوئی ڈر جائے
مطلب یہ تھا رہ گیر نہ مرتا ہو تو مر جائے

چلتی تھی ہر اک گام پہ پیتی ہوئی پانی چہرے سے عیاں تھا اثر سوز نہائی

دھکے نہ لگیں اس کو تو ہوتی نہ تھی اسٹارٹ
کیا جانے وہ لاری تھی کہ تھی کوئی بلک کارٹ

کچھوے کی طرح چلتی تھی جب ناز دکھاتی
راکٹ کی طرح اڑتی تھی جب موڈ میں آتی

یہ کہہ کے ٹریفک کو بناتی تھی نشانہ
’’ سلطانیِ جمہور کا آیا ہے زمانہ ‘‘

اس غم میں کہ مل جائے کوئی اور سواری
ہر گور غریباں پہ ٹھہر جاتی تھی لاری

لاری میں مسافر تھے پریشان و زبوں حال
لے آئی تھی لاری میں انہیں شامت اعمال

کھڑکی سے لگی بیٹھی تھی اک شوخ نگارا
کھڑکی پہ یہ لکھا تھا کہ ’’ اک تیرا سہارا ‘‘

اک دیو قوی جثہ بھی موجود تھے ہم میں
قاروں کا خزانہ لئے بیٹھے تھے شکم میں

وہ خود کو ہماری ہی طرف پیل رہے تھے ہم جرم شرافت کی سزا جھیل رہے تھے

یہ کہتے تھے دبتے تھے جو ہم اور زیادہ ’’ اللہ کرے زور شکم اور زیادہ ‘‘

آگے جو بڑھے ہم تو ملی راہ سفر بند لاری تھی حوالات، مسافر تھے نظر بند

اتنے میں خبر آئی برا وقت پڑا ہے پیدل ہی چلے جاؤ دھرا ٹوٹ گیا ہے

لاری نے کسی طرح قدم ہی نہ بڑھائے
ہم خود ہی بدایوں تک اسے کھینچ کے لائے

رستے میں جو کچھ زور کے جھٹکے لگے دو تین
کچھ لوگ جو کمزور تھے پڑھنے لگے یٰسین

گھر پہنچے تھے اس شان سے ہم دھول میں اٹ کر
جیسے ابھی آئے ہیں صحرا سے پلٹ کر

ریڈیو انٹرویو

یاد ہے اب تک وہ شام لکھنؤ جب ہوا تھا ریڈیو انٹرویو

مرکز نشر و اشاعت پر تھا، رش اوپیم ایٹر، چرسیئے، بادہ کش

ان میں تھے ٹیگور بھی اقبال بھی چند میراثی بھی کچھ قوال بھی

چند شاعر اپنے بچے لائے تھے کچھ اٹیچی ساتھ لے کر آئے تھے

فوج کے کپتان بھی موجود تھے خطرۂ ایمان بھی موجود تھے

ان میں اک فدوی بھی تھا امیدوار منتظر سب تھے کہ کب آئے پکار

آئی اتنے میں صدا یہ ناگہاں
کون ہے جما ولد رنگین خاں؟

جو بھی ہو فوراً چلے صاحب کے پاس چل دیئے یہ سن کے ہم خبط الحواس

دل شہید آرزو ہونے لگا لیجئے انٹرویو ہونے لگا

نام؟ ’’ جما خاں ‘‘ تخلص ’’ بے نوا ‘‘
ڈاکخانہ؟ ’’ خاص ‘‘ موضع ’’ راجپورا ‘‘

قومیت ’’ آسام ‘‘ پیشہ ’’شاعری‘‘ خاندانی مشغلہ ’’ آوارگی ‘‘

ایج یعنی عمر ’’ پورے تین سال ‘‘ اور سرکاری سند سے ’’ بیس سال ‘‘

کیا کوئی اونچی سفارش لائے ہو ’’ جی نہیں ‘‘ تو پھر یہاں کیوں آئے ہو

’’ باپ کی تعریف ‘‘؟ ’’ میرے باپ تھے
میں ہوں اک کاما، وہ فل اسٹاپ تھے ‘‘

کوئی لڑکا، ایک وہ بھی نا خلف گر قبول افتد زہے عز و شرف

کوئی والی ہے تمہارا نزد و دور جو بھی کچھ ہیں اول و آخر حضور

’’ اپنا تفصیلی تعارف دیجئے ‘‘ تبصرہ اپنے پہ اب خود کیجئے

دل کسی غنچہ دہن نے لے لیا جھونپڑا کسٹوڈین نے لے لیا

خاک کی صحبت نے خاکی کر دیا مفلسی نے اشتراکی کر دیا

باپ سیلاب فنا میں بہہ گئے ایک ہم مرنے کو زندہ رہ گئے ‘‘

یہ تعارف سن کے صاحب کچھ ہنسے اور پھر فدوی سے یوں کہنے لگے

’’ فلم دیکھا ہے کوئی؟ ‘‘’’جی ہاں پکار‘‘
’’اس کی ہیروئن ‘‘؟ ’’جنابہ کاردار ‘‘

’’ یو این او ‘‘؟ انگلینڈ کا ایک صوبہ ہے
’’ نادرہ؟ ‘‘ ٹیگور کی محبوبہ ہے ‘‘

’’ حضرت غالب کہاں پیدا ہوئے ‘‘ ’’ آپ اور ہم سب جہاں پیدا ہوئے ‘‘

’’ مصر پر حملے میں کس کا ہاتھ ہے؟ ‘‘
یہ بھی کوئی پوچھنے کی بات ہے ‘‘

’’ شرمدان ‘‘ اک ٹھوس برتن ہے حضور ‘‘
’’ میک ملن ‘‘ ایک منجن ہے حضور ‘‘

’’ لوہیا؟ ‘‘ اک قسم کا الٹا درخت ‘‘
’’ جس کی جڑ مضبوط اور شاخیں دولخت ‘‘

’’ پرتھوی راج؟ ‘‘ ایک راجہ تھا حضور ‘‘
’’ اس کا کوئی پتر ‘‘ ’’جی شمی کپور ‘‘

’’ آپ کے مائنڈ میں ہے کچھ فتور آپ بالکل ایڈیٹ ہیں ’’ جی حضور ‘‘

’’ ہاں کوئی پر کیف سا نغمہ سناؤ دادرہ کی دھُن میں کوئی چیز گاؤ

تحت پڑھتے ہو چلو اچھا پڑھو یہ بہت بوگس رہا آگے بڑھو

’’ کس قدر مکروہ سی آواز ہے
شعر پڑھنے کا یہی انداز ہے!

فن موسیقی نہیں آتا تمہیں شعر کہنا ہی نہیں آتا تمہیں

ٹیون میں پیدا کرو کیف و اثر جیسے گاتی ہے لتا منگیشکر

ٹیون جب تک بر محل ہوتی نہیں شعر انٹرنیشنل ہوتی نہیں

شاعری پر مہربانی کیجئے ہو سکے تو نغمہ خوانی کیجئے

دن میں سارنگی پہ گایا کیجئے رات کو مٹکا بجایا کیجئے

آپ سروس چاہتے ہیں مستقل آئی ایم ساری اٹ از امپاسیبل

کرکٹ اور مشاعرہ

مشاعرہ کا بھی تفریح ایم ہوتا ہے مشاعرہ میں بھی کرکٹ کا گیم ہوتا ہے

وہاں جو لوگ کھلاڑی ہیں وہ یہاں شاعر
یہاں جو صدر نشیں ہے وہاں ہے امپائر

وہاں یہ شرط کہ ہو زور بازوئے محمود یہاں یہ قید کہ ہو لحنِ حضرت داؤد

وہاں تمدن مشرق کی موت کا غم ہے یہاں ادب کے جنازہ پہ شور ماتم ہے

وہاں ریاض مسلسل سے کام چلتا ہے یہاں گلے کے سہارے کلام چلتا ہے

وہاں بھی کھیل میں نو بال ہو تو فاؤل ہے
یہاں بھی شعر میں اہمال ہو تو فاؤل ہے

وہاں ہے ایل بی ڈبلیو یہاں یہ چکر ہے کہ عندلیب مونث ہے یا مذکر ہے

وہاں بھی صرف مقدر کا کھیل ہوتا ہے
جو ان لکی ہے یہاں بھی وہ فیل ہوتا ہے

وہاں ہے ایک ہی کپتان پوری ٹیم کی جان
یہاں ہر ایک پلئیر بجائے خود کپتان

یہاں کچھ ایسے بھی کپتان پائے جاتے ہیں
جو رن بناتے نہیں ہٹ لگائے جاتے ہیں

وہاں جو لوگ اناڑی ہیں وقت کاٹتے ہیں
یہاں بھی کچھ متشاعر دماغ چاٹتے ہیں

ہوا کرے اگر اسکور اس کا زیرو ہے یہاں جو شخص پھسڈی ہے وہ بھی ہیرو ہے

نگاہ جن کی پہنچتی ہے حشو و ایطا پر بنا دیا ہے یہاں ان کو بیک اسٹاپر

ادب نواز پہ شاؤٹ یہاں بھی ہوتے ہیں یہ بدنصیب رن آؤٹ یہاں بھی ہوتے ہیں

حنیف بھی کوئی بوگس کرکٹر تو نہیں مگر اثر سے زیادہ فری ہنر تو نہیں

بجا ہے فضل کے سکسر پہ مرحبا کہنا مگر فراق کی باؤنڈری کا کیا کہنا

میرے خیال کو اہل نظر کریں گے کیچ مشاعرہ بھی ہے اک طرح کا کرکٹ میچ

ضرورت رشتہ

ایک لڑکا ہے اصیل النسل عالی خاندان
عمر ہے لڑکے کی ففٹی سکسٹی کے درمیان

قبض رہتا ہے نہ اس کو نزلہ کی تحریک ہے
ایک دن ٹی بی ہوئی تھی اب طبیعت ٹھیک ہے

آنکھ کی اک شمع روشن، دوسری تھوڑی سی گل
مختصر یہ ہے کہ لڑکا ہے بہت ہی بیوٹی فل

پی کے ما اللحم جب ملتا ہے داڑھی پر خضاب
اس کے چہرہ پر نظر آتے ہیں آثار شباب

طالب رشتہ، قیود علم سے آزاد ہے کچھ ادیبوں کی طرح وہ فطرتاً استاد ہے

اس کے ہاتھوں میں کسی بھی ’’ ازم ‘‘ کا تیشہ نہیں
اس مسلماں کو کسی فتوے کا اندیشہ نہیں

عالموں کے ساتھ رہ کر وہ بھی جید ہو گیا
پہلے جانے کیا تھا، رفتہ رفتہ سید ہو گیا

بر بنائے مصلحت یا بر بنائے انتقام
آج تک کنوارا ہے یہ وحدت پرستوں کا امام

اس کے بارے میں یہی کہتی ہے دنیا بالعموم
وہ موحد ہے اور اس کا کیش ہے ترک رسوم

شب کو براتے میں کہتا ہے مجھے دولہا بناؤ
کوئی بیوہ ہو تو اس کو میری منکوحہ بناؤ

کیا بتاؤں کس قدر دلچسپ باتیں اس کی ہیں‘‘
’’نیند اس کی ہے، دماغ اس کا ہے، راتیں اس کی ہیں‘‘

شادیوں کی آج چونکہ گرمیِ بازار ہے
کوئی کنوارا شہر میں بچنا بہت دشوار ہے

سوچتا ہے اب کہ سہرا باندھ لے یہ نونہال
پیر نابالغ کو اب آیا ہے شادی کا خیال

اس کو لڑکی چاہیئے، لڑکی جو آوارہ نہ ہو
درحقیقت چاند ہو، مصنوعی سیارہ نہ ہو

جامعہ کی کوئی بھی ڈگری ہو اس کے ہاتھ میں
کوئی ڈپلومہ نہ لائی ہو سند کے ساتھ میں

زلف پیچاں کی جگہ پٹھے نہیں رکھتی ہو وہ
گھر پہ پہرہ کے لئے ’’ کتے ‘‘ نہیں رکھتی ہو وہ

اس کو لڑکی چاہئے، جو صورتاً لڑکا نہ ہو
جس کے دل میں شعلہ مردانگی بھڑکانہ ہو

لڑکی میکے میں قیام مستقل فرمائے گی
حال میں دو چار دن سسرال بھی آ جائے گی

لڑکی اپنے ساتھ لائے کم سے کم دو لاکھ کیش
تاکہ لڑکا بعد شادی کر سکے آرام و عیش

مستعد شوہر تو بس لیٹا رہے گا، صبح و شام
نان نفقہ کا بھی بیگم خود کریں گی انتظام

کوئی دوشیزہ اگر ہو حامل جملہ صفات
خط میں لکھ بھیجے کہ کس دن اس کے گھر پہنچے برات

بیاہ کی درخواست پر اردو میں لکھئے یہ پتا
عاشق ناشاد، ون بی، فیڈرل بی ایریا

کاش بر آئے کسی خاتون کے دل کی مراد
’’ ایں دعا از من و از جملہ جہاں آمین باد ‘‘

موسیقی سے علاج

ایک محقق نے نئی تحقیق فرما دی ہے آج
فن موسیقی سے بھی ممکن ہے انسانی علاج

سچ ہے یہ دعویٰ تو رخصت اے اطبائے کرام
مسطگی کو بندگی، قرص ملین کو سلام

اب مداوائے مرض ہو گا نئے انداز سے
اب ہوالشافی کی آواز آئے گی ہر ساز سے

اب تو نوٹنکی ہی میں ہو گا علاج سامعین
الفراق اے گل بنفشہ، الوداع اے پنسلین

نامور قوال پورے ڈاکٹر ہو جائیں گے
صرف سازندے جو ہیں کمپاؤنڈر ہو جائیں گے

ان دوا خانوں پہ ایسے بورڈ آئیں گے نظر مطرب آتش نوا مس ناز لیڈی ڈاکٹر

تھرمامیٹر کی جگہ منہ میں لگا کے بانسری
ڈاکٹر دیکھے گا کیا حالت ہے اب بیمار کی

موت بھی اس شخص تک آتے ہوئے گھبرائے گی
جس کے سر پر نزع میں ڈفلی بجائی جائے گی

چونکہ نسخوں میں رعایت ہوگی صرف اشعار کی
صرف شاعر کو جگہ دی جائے گی عطار کی

پڑ گئے معجون میں کیڑے خمیرہ سڑ گیا
بو علی سینا کی امیدوں پہ پانی پڑ گیا

حضرت اجمل کے جادو کا اثر زائل ہوا آدمی فیاض خاں کے آرٹ کا قائل ہوا

اس کو کہتے ہیں خدا کی دین یہ ہوتی ہے دین
اب سول سرجن بنے گا جانشین تان سین

اب اطبا بھی نظر آئیں گے شہنائی بدست شربت عناب کی بوتل کو پیغام شکست

ان سے کہہ دو مبتلا ہیں جو کسی آزار میں
اب شفا خانے کھلیں گے حسن کے بازار میں

قبض کے مارے ہوئے بیمار کو کر دو خبر
ایک ٹھمری میں ہے اطریفل زمانی کا اثر

اب تو اخباروں میں شائع ہوں گے ایسے اشتہار
جملہ امراض خصوصی کی دوا طبلہ، ستار

جملہ امراض خبیثہ کی دوائے کارگر نغمۂ ساحر بہ آواز لتا منگیشکر

ضعفِ معدہ ہے تو مس کجن کی قوالی سنو
خشک کھانسی ہے تو نظم حضرت حالی سنو

کیا ضروری ہے کہ پیچش کی دوا ہو اسپغول
ادویہ تو اور بھی ہیں، بین، باجا، بینڈ، ڈھول

اختلاج قلب کی واحد دوا ہے آج کل بیکل اتساہی سے سنئے اے میری جان غزل

اس طرح نسخہ لکھے گا چارہ ساز نبض بیں
’’دادرا دس بارہ، ٹھمری دو عدد، ایک بھیرویں‘‘

صبح دم مثل شکیلہ مشق قوالی کنند خاک پائے مشتری بائی بوقت شب خورند

کراچی کا قبرستان

اے کراچی ملک پاکستان کے شہر حسیں
مرنے والوں کو جہاں ملتی نہیں دو گز زمیں

قبر کا ملنا ہی ہے اول تو اک ٹیڑھا سوال
اور اگر مل جائے اس پر دخل ملنا ہے محال

ہے یہی صورت تو اک ایسا بھی دن آ جائے گا
آنے والا دور مُردوں پر مصیبت ڈھائے گا

مُردماں بسیار ہوں گے اور جائے قبر تنگ
قبر کی تقسیم پر مُردوں میں چھڑ جائیگی جنگ

سیٹ قبرستان میں پہلے وہ مُردے پائیں گے
جو کسی مُردہ منسٹر کی سفارش لائیں گے

کارپوریشن کرے گا اک ریزولوشن یہ پاس
کے ڈی اے اب مرنے والوں سے کرے یہ التماس

آپ کو مرنا ہے تو پہلے سے نوٹس دیجئے یعنی جرم انتقال ناگہاں مت کیجئے

کچھ مہینے کے لئے ہو جائے گی تربت الاٹ
اس کے بعد آئے گا نوٹس چھوڑ دیجئے یہ پلاٹ

تربت شوہر میں اس کی اہلیہ سو جائے گی
’’ محو حیرت ہوں کہ تربت کیا سے کیا ہو جائے گی‘‘

ایک ہی تابوت ہو گا اور مُردے آٹھ دس آپ اسے تابوت کہیے یا پرائیویٹ بس

ایک ہی تربت میں سو جائیں گے محمود و ایاز
دور ہو جائے گا فرق بندہ و بندہ نواز

شاعر مرحوم جب زیر مزار آ جائے گا
دوسرے مُردوں کو ہیبت سے بخار آ جائے گا

اس سے یہ کہہ کر کریں گے اور مردے احتجاج
ہم کو ہوتا ہے تمہاری شاعری سے اختلاج

خامشی شہر خموشاں میں ہے دستور ازل
تم یہاں بھی چھیڑ دو گے غیر مطبوعہ غزل

ہم کہیں گے سو رہو آرام کرنا فرض ہے تم کہو گے ہو چکا آرام مطلع عرض ہے

سرخیال یہ ہوں گی جنگ و حریت میں ڈان میں
ڈال لی ہیں جھگیاں مُردوں نے قبرستان میں

رات وہ مُردوں نے ہنگامہ کیا زیر مزار
ایک مُردہ جیل میں ہے دوسرا مُردہ فرار

ایک مُردہ بھاگ اٹھا تھا چھوڑ کر گور و کفن
قبر پر مرحوم کی ہے قبضۂ کسٹوڈین

برتری جاتی رہی حفظ مراتب مٹ گیا
ایک مردہ اک پولیس والے کے ہاتھوں پٹ گیا

رات اک تربت پہ دو مُردوں میں سودا پٹ گیا
ایک مُردہ پانچ سو پگڑی کے لے کر ہٹ گیا

ہم تو سمجھے تھے ہمیں ہیں اس جہاں میں بیقرار
اس جہاں والوں کو بھی ملتی نہیں راہ فرار

صرف زندوں ہی کو فکر عیش و آسائش نہیں
اب تو اس دنیا میں مُردوں کی بھی گنجائش نہیں

عشق کا پرچہ

محو حیرت ہوں کہ وہ سیڑ تھا کتنا با کمال
عشق کے بارے میں پوچھا جس نے پرچہ میں سوال

ایسے ہی سیڑ اگر دو چار پیدا ہو گئے
دیکھنا اس ملک میں فن کار پیدا ہو گئے

عام ہو گئی، عاشقی کالج کے عرض و طول میں
لیلی و مجنوں نظر آئیں گے اب اسکول میں

عشق کے آداب لڑکوں کو سکھائے جائیں گے
غیر عاشق جو ہیں وہ عاشق بنائے جائیں گے

عاشقوں کو علم میں پرفیکٹ سمجھا جائے گا
عشق اک کمپلسری سبجیکٹ سمجھا جائے گا

امتحاں ہو گا تو پوچھے جائیں گے ایسے سوال
اپنی محبوبہ کے بارے میں کچھ اظہار خیال

عشق اک سائنس ہے یا آرٹ سمجھا کر لکھو
یا یہ دونوں عشق کا ہیں پارٹ سمجھا کر لکھو

آج اپنے ملک میں عاشق ہیں کتنے فی صدی
منتہی ان میں ہیں کتنے اور کتنے مبتدی

کیا تعلق طب یونانی کو ہے رومان سے
کمپیئر فرہاد و مجنوں کو کرو لقمان سے

عشق کتنے قسم کو ہوتا ہے لکھو با وثوق
فی زمانہ کیا ہیں عاشق کے فرائض اور حقوق

ایک تحقیقی مقالہ لکھ کے سمجھاؤ یہ بات
شاخ آہو پر ہی کیوں رہتی ہے عاشق کی برات

کچھ مثالیں دے کے سمجھاؤ یہ قول مستند عشق اول در دل معشوق پیدا می شود

سر کو کیا نسبت ہے سنگ آستان یار سے
تم نے سر پھوڑا کبھی معشوق کی دیوار سے

کیا سکوں ملتا ہے دل کو آہ شعلہ بار سے
گرم نالے عرش پر جاتے ہیں کس رفتار سے

اپنے اندازے سے طول شام تنہائی بتاؤ
صرف تخمیناً شب ہجراں کی لمبائی بتاؤ

انڈیا کا ایک نقشہ اپنی کاپی پر بناؤ
اور پھر اس میں حدود کوچۂ جاناں دکھاؤ

وصل کی درخواست پر کس کی سفارش چاہیئے
عشق کے پودے کو کتنے انچ بارش چاہیئے

اپنی محبوبہ کو اک درخواست انگلش میں لکھو
اس سے یہ پوچھو جواب آرزو یس ہے کہ نو

کون سے آلے سے دیکھیں حسن جانانہ لکھو
حسن کی مقدار جو ناپے، وہ پیمانہ لکھو

مادر لیلیٰ نے تو لیلیٰ نہ بیاہی قیس کو
تم اگر لیلیٰ کی ماں ہوتے تو کیا کرتے لکھو

ایک عاشق تین دن میں چلتا ہے انیس میل
تین عاشق کتنے دن میں جائیں گے اڑتیس میل

آپ کر سکتے ہیں ان میں سے کوئی بارہ سوال
بد خطی کے پانچ نمبر ہیں، رہے یہ بھی خیال

بال ڈانس

لازم تھا وقت رقص ان احکام پر عمل
دائیں کو دیکھ، بائیں کو جا، اور ٹیڑھا چل

ایٹ ایز ہو چکا ہے تو پھر مارچ کر ڈبل
گوئیاں کو ٹنگڑی مار کے کے لڑھکا دے منہ کے بل

ٹھمکا لگاتے وقت مسرت سے پھول جا اتنی شراب پی کہ خدا کو بھی بھول جا

تھا رقص میں یہ حال مسز افتخار کا بہلا رہی تھیں دل کسی امیدوار کا

گھر پر یہ حال شوہر اختر شمار کا دامن پکڑ لیا تھا شب انتظار کا

کہتا تھا دیکھنا ہے، کہاں بچ کی جائے گی
تو بھی نہ جا سکے گی، اگر وہ نہ آئے گی

ایک اور مطربہ تھی وہاں شوخ و خوش مذاق تصویر شام ہجر، شبیہ شب فراق

شوہر نے بھی یہ سوچ کے دی تھی اسے طلاق
آنکھوں میں اس کی عیب تھا از حسن اتفاق

جب اس کی برق حسن تجلی چمک گئی اک شخص کی تو رال دہن سے ٹپک گئی

وہ ہنس پڑی تو اوس سی کلیوں پہ پڑ گئی گانے لگی تو اور بھی صورت بگڑ گئی

میری نظر بھی اس کی ’’ نظریا ‘‘ سے لڑ گئی
محسوس یہ ہوا کہ میری سانس اکھڑ گئی

دکھلا رہی تھی ساز کے پردوں پہ وہ کمال
اور مجھ کو اپنے کان کے پردوں کا تھا خیال

گانا وہ گا رہی تھی کہ مطلب تھا جس کا گول
وہ کہہ رہی تھی ’’ ہول ‘‘ تو میں سن رہا تھا ’’ ڈھول ‘‘

اس کے لبوں پہ تھا کہ’’ دئیر واز اے بیڈ سول‘‘
میں سمجھا کہہ رہی ہے کہ دروازہ جلد کھول

نغمہ میں اک کسک تھی، نشہ تھا، سرور تھا
سمجھے نہ ہم تو فہم کا اپنی قصور تھا

اس ناچ گھر میں ناچ رہے تھے جدید نٹ یہ بالی وڈ رسیدہ تھے، یہ ماسکو پلٹ

کھیلے ہوئے تھے ٹینس و فٹبال و شاٹ پٹ مونچھیں کمال کٹ تو حجامت دلیپ کٹ

یہ ماہرین رقص تھے، گانے میں فرد تھے
ہیجڑے دکھائی دیتے تھے، حالانکہ مرد تھے

اس رقص میں نٹوں کے پیر ناچتے رہے مادائیں ناچتی رہیں، نر ناچتے رہے

ہیجڑے چلا چلا کے کمر ناچتے رہے ناچا نہ جا رہا تھا مگر ناچتے رہے

اک کنیا کا رقص تھا اک نوجواں کے ساتھ
چڑیا پھدک رہی تھی چڑی مار خاں کے ساتھ

اس رقص میں مذاق کی بھی ہو گئی تھی حد
عاشق دراز قد تھا تو معشوق پستہ قد

سر کو بصد نیاز جھکاتا تھا یہ چغد تا بوسہ بر جبین بت پستہ قد دہد

برگد کے زیر سایہ یہاں اک گلاب تھا جو ذرہ جس جگہ تھا وہیں آفتاب تھا

سنجیدگی سے رقص میں لازم تھا احتراز
یہ رقص مغربی تھا، نہیں تھی کوئی نماز

ہاں بے نیاز شرم و حیا تھے نیاز و ناز
ہاں ٹھیک ہی تو کہتے ہیں یاران فلم ساز

اب رقص بھی محرک جذبات چاہیے عریانی ہی سے نکلے ہے جو بات چاہیے

اس ناچ گھر میں یوں تھے ہم آغوش دو بدن
جیسے گلے لگاتی ہے بھائی کو اک بہن

سینہ بہ سینہ آتا ہے یہ ناچنے کا فن
یہ سوچ کر ہی سینہ بہ سینہ تھے مرد و زن

اخلاق بک رہا تھا جو چاہے خرید لے پیمنٹ بائی کیش کرے اور رسید لے

ہکلے کا پیار

ججا جان من تری ذات سے مما مجھ کو ہی پپا پیار ہے
غغا غیر ہے خخا خود عرض ووا وقت کا ییا یار ہے

ررا رات بھر ججا جاگناِ دوا دوڑناِ بھبھا بھاگنا
ببا بائی گاڈ یہی میری ححا حالت ززا زار ہے

دوا دلربا ہے جو تو حسیں، مما میں بھی کچھ ککا کم نہیں
مما میرا بھی ششا شہر کے ششا شاعروں میں شمار ہے

خخا خرچ کا غغا غم نہیں، پپا پیسہ بھی ککا کم نہیں
میرے پاس بی ٹٹا ٹی وی ہے ببا بنگلہ ہے ککا کار ہے

ببا بیاہ تجھ سے کروں گا میں، تتا تیرے ساتھ مروں گا میں
ککا کینسر ہے مجھے اگر، ددا دق کی تو بھی شکار ہے

خا خط میں تو نے یہ کیا لکھا، ’’ووا وصل غیر سے ہو گیا ’’
خخا خط تیرا، خخا خط نہیں، میری موت کا تتا تار ہے

ووا وہ جو میرا رقیب ہے، اا آدمی بھی عجیب ہے
ششا شاعری بھی وہ کرتا ہے، ننا نام اس کا فگار ہے

شاعر اعظم

کل اک ادیب و شاعر و ناقد ملے ہمیں کہنے لگے کہ آؤ ذرا بحث ہی کریں

کرنے لگے یہ بحث کہ اب ہند و پاک میں وہ کون ہے کہ شاعر اعظم جسے کہیں

میں نے کہا جگر تو کہا ’’ ڈیڈ ہو چکے‘‘
میں نے کہا کہ جوشؔ ’کہا قدر کھو چکے‘‘

میں نے کہا فراقؔ کی عظمت پہ تبصرہ بولے فراقؔ ’’ شاعر اعظم ارا درا ‘‘

میں نے کہا ندیم، تو بولے کہ ’’جرنلسٹ‘‘
میں نے کہا رئیس’’ تو بولے سٹائرسٹ‘‘

میں نے کہا کہ حضرت ماہر بھی خوب ہیں
کہنے لگے کہ ’’ان کے یہاں بھی عیوب ہیں‘‘

میں کہا کچھ اور تو بولے کہ ’’چپ رہو‘‘
میں چپ رہا تو کہنے لگے اور کچھ کہو

میں نے کہا کہ ’’ ساحر و مجروحؔ و جاں نثارؔ
بولے کہ ’’ شاعروں میں نہ کیجئے انہیں شمار ‘‘

میں نے کہا کلام روشؔ لاجواب ہے ‘‘ کہنے لگے کہ ’ان کا ترنم خراب ہے‘

میں نے کہا ترنم نورؔ پسند ہے کہنے لگے کہ ’’ان کا وطن دیوبند ہے‘‘

میں نے کہا کہ ان کی غزل صاف و پاک ہے
بولے کہ ’’ان کی شکل بڑی خوفناک ہے‘‘

میں نے کہا کہ یہ جو ہیں محشر عنایتی؟
کہنے لگے کہ ’’رنگ ہے ان کا روایتی‘‘

میں نے کہا قمرؔ کا تغزل ہے دلنشیں
کہنے لگے کہ ’’ان میں تو کچھ جان ہی نہیں‘‘

میں نے کہا نیازؔ تو بولے کہ ’’عیب بیں‘‘
میں نے کہا سرورؔ تو بولے کہ ’نکتہ چیں‘‘

میں نے کہا ظریفؔ تو بولے کہ ’’گندگی‘‘
میں نے کہا سلامؔ تو بولے کہ ’بندگی‘‘

میں نے کہا فرازؔ تو بولے کہ ’’زیر و بم‘
میں نے کہا عدم تو کہا ’’وہ بھی کالعدم‘‘

میں نے کہا خمارؔ کہا ’فن میں کچے ہیں‘‘
میں کہا کہ شادؔ تو بولے کہ ’’بچے ہیں‘‘

میں نے کہا کہ طنز نگاروں میں دیکھئے
بولے کہ ’سینکڑوں میں ہزاروں میں دیکھئے‘‘

میں نے کہا کہ شاعر اعظم ہیں جعفریؔ
کہنے لگے کہ ’’آپ کی ہے ان سے دوستی‘‘

میں نے کہا یہ جو ہیں محشر عنایتی کہنے لگے کہ ’’آپ ہیں ان کے حمایتی‘‘

میں کہا ضمیر کے ہیومر میں فکر ہے
بولے یہ ’’کس کا نام لیا کس کا ذکر ہے‘

میں نے کہا کہ یہ جو دلاور فگار ہیں
بولے کہ ’’وہ تو صرف ظرافت نگار ہیں‘‘

میں نے کہ مزاح میں اک بات بھی تو ہے
بولے کہ ’اس کے ساتھ خرافات بھی تو ہے‘

میں نے کہا تو شاعر اعظم کوئی نہیں
کہنے لگے کہ ’یہ بھی کوئی لازمی نہیں‘‘

میں نے کہا تو کس کو میں شاعر بڑا کہوں
کہنے لگے کہ میں بھی اسی کش مکش میں ہوں

بایان کار ختم ہوا جب یہ تجزیہ میں نے کہا حضور تو بولے کہ شکریہ

چاند کا سفر

اک فرشتہ عالم بالا سے لایا یہ خبر
شاعروں کا ایک جلسہ ہو رہا ہے چاند پر

روس، پاکستان، امریکہ، عرب ہندوستان
ہر جگہ سے شاعروں کے وفد جائیں گے وہاں

میں نے سوچا جلد کرنا چاہئے اس کام کو
چار چاند اس طرح لگ جائیں گے میرے نام کو

شاعروں کا نور دیدہ بن کے واپس آؤں گا
شاعر گردوں رسیدہ بن کے واپس آؤں گا

ہو گیا راضی میں اس جلسے میں شرکت کے لئے
ایم سی دینا پڑا کالج سے رخصت کے لئے

مانگ کر لایا السٹر اپنے اک استاد سے
کام چل جاتا ہے اکثر باہمی امداد سے

جمع اک راکٹ میں کچھ شاعر ہوئے آل انڈیا
میں بھی ان کے ساتھ سوئے ماہ و انجم چل دیا

میرا راکٹ اب خلا میں مائل پرواز تھا دیدنی اس وقت حال شاعر جانباز تھا

فکر دنیا تھی نہ مجھ کو دین کا کچھ ہوش تھا
میری نبضیں چھٹ رہی تھیں اور میں خاموش تھا ‘‘

میرا راکٹ جب فراز عرش پر چڑھنے لگا
ڈر کے مارے میں خود اپنی فاتحہ پڑھنے لگا

شاعروں کا قافلہ سطح قمر پر آ گیا سامنے آنکھوں کے اک پر نور منظر آ گیا

چاند کی مخلوق تھی بیحد خوش اندام و حسیں
لکھنو کے ’’ زو ‘‘ میں بھی ایسا کوئی ماڈل نہیں

ہم شبیہ بوزنہ تھے یہ حسینان قمر ڈارون صاحب کی تھیوری کا ثبوت معتبر

کانگریسی تھے کہ لیگی تھے کسی کو کیا خبر
یہ بھی اندازہ نہیں ہوتا تھا مادہ تھے کہ نر

شکل بندر کی بدن انساں کا حلیہ قیس کا
ہاتھ میں چھوٹا سا ڈبہ آکسیجن گیس کا

مانگ گنجی آنکھ چھوٹی ناک چپٹی قد دراز
ایسی صنعت پر نہ کیوں ہو صانع قدرت کو ناز

ہاتھ بے ڈھب پیٹ ناہموار چہرہ پر سکون
دست قدرت نے بنایا تھا بشر کا کارٹون

گو پڑھے لکھے نہ تھے لیکن بڑے ہشیار تھے
تھے مکمل آدمی لیکن ذرا دم دار تھے

ان کے کپڑے دیکھ کر ہوتا تھا کچھ ایسا قیاس
جیسے وہ پہنے ہوئے ہوں کوئی نورانی لباس

نور میں ڈوبا ہوا تھا ہر صغیر و ہر کبیر
جس کو دیکھو وہ نظر آتا ہے اک بدر منیر

فکر کیوں ہوتی انہیں روزی کمانے کے لئے
من و سلویٰ اُن کو مل جاتا تھا کھانے کے لئے

شکوہ کم مائیگی ان کے لئے تھا ناروا
خیر سے سب کچھ میسر تھا بجز آب و ہوا

آب امریکہ سے منگواتے تھے پینے کے لئے
روس والوں سے ہوا لیتے تھے جینے کے لئے

نصف حصہ سال کا سرما میں ہو جاتا تھا صرف
برف برف اور برف برف اور برف برف اور صرف برف

محفل شعر و سخن تھی منعقد اک غار میں بادشاہان ادب پہنچے کوی دربار میں

بزم میں تشریف فرما تھے کچھ ایسے مسخرے
کر رہے تھے جو زمینی شاعروں پر تبصرے

بزم میں اک شور تھا دنیا کے شاعر آ گئے
جن کو جنت سے نکالا تھا یہاں پھر آ گئے

ایک بولا یہ ادب کی شامت اعمال ہیں دوسرا بولا کہ یہ شاعر نہیں قوال ہیں

ایک بولا جیل سے آزاد ہو کر آئے ہیں
دوسرا بولا کسی سرکس کے جوکر آئے ہیں

ایک بولا عارضی ہے ان کے چہروں کی بہار
دوسرا بولا یہ ہیں بن مانسوں کے رشتہ دار

صدر نے اعلان فرمایا بہ اخلاق تمام
سب سے پہلے چاند کے شاعر سنائیں گے کلام

ہو گئے تیار سب مصرع اٹھانے کے لئے
چاند کے شاعر اٹھے غزلیں سنانے کے لئے

اک علامہ یہ بولے میں ہوں ’’ ظرافت نگار ‘‘
ایک مطلع کر رہا ہوں نذر دل آور فگار

شعر سنئے چند دن کی زندگانی اور ہے
اس لئے ہم نے بھی اپنے دل میں ٹھانی اور ہے

داد یہ آئی کہ ’’ اچھا شعر شاعر پڑھ گیا
حضرت غالب کے مطلع سے یہ مطلع بڑھ گیا

ان حسیں اشعار پر داد سخن ملتی رہی
قافیہ ہوتا رہا تنگ اور زمیں ہلتی رہی

رفتہ رفتہ بزم میں میرا بھی نمبر آ گیا
داد کی حسرت میں مسند پر سخن ور آ گیا

میں نے جب مطلع سنایا حاضرین بزم کو
سب بیک آواز بولے ’’ہو ہو ہو ‘‘ ہو ہو ہو ہو ‘‘

شاعری کی ہے کہ جھک مارا ہے خیر آگے بڑھو
باقی آئندہ سنانا شیخ جی مقطع پڑھو

چاند والوں کے مقابل کیا پڑھو گے بور بور
تم ہمارے شعر اڑا لیتے ہو پکڑو چور چور

صدر بولے ’’ آپ پڑھئے آپ سے مطلب نہیں
چند بیہودے ہیں اس بزم ادب میں سب نہیں ‘‘

اپنی ذلت دیکھ کر کھانے لگا میں پیچ و تاب
صدر محفل کو دیا میں نے اکڑ کر یوں جواب

کیا بتاؤں میں اہنسا کا پجاری ہوں جناب
ورنہ میں بھی اینٹ کا پتھر سے دے دیتا جواب

خیریت گزری کہ ہوں گاندھی کا شاگرد رشید
ورنہ اک جوتا کسی کے سر پہ کر دیتا رسید

اتفاقاً پھر کسی سامع سے میں ٹکرا گیا
یہ نظارہ دیکھتے ہی سر مرا چکرا گیا

بعد ازاں اک نقش مبہم ذہن میں تازہ ہوا
یعنی مجھ کو اپنی نادانی کا اندازہ ہوا

واقعہ یہ ہے میں اب تک ہوش سے بیگانہ تھا
’’ خواب تھا جو کچھ بھی دیکھا جو سنا افسانہ تھا ‘‘

احمقوں کی کانفرنس

اک خبر ہم نے پڑھی تھی کل کسی اخبار میں
احمقوں کا ایک جلسہ تھا کہیں بازار میں

ہر نمونے کا چغد حاضر تھا اس دربار میں
جیسے ہر ٹائپ کا عاشق کوچۂ دلدار میں

تھا ہر اک مہماں یہاں ناخواندہ و خود ساختہ
کوئی ان میں صاحب دل تھا کوئی دل باختہ

سب سے پہلے اک بڑا احمق ہوا یوں شعلہ بار
جنٹلمین اینڈ لیڈیز آر وہاٹ ایور یو آر

آج اعصاب وطن پر عقل و دانش ہیں سوار
ختم ہوتا جا رہا ہے احمقوں کا اقتدار

احمقو! جاگو تمہاری آبرو خطرے میں ہے
جس کے ساکن ہو وہ شہر آرزو خطرے میں ہے

ہر حماقت کا کوئی مفہوم ہونا چاہئے کیوں حماقت کی گئی معلوم ہونا چاہئے

آدمی کو عقل سے محروم ہونا چاہئے کیا ضرورت ہے ہما کی بوم ہونا چاہئے

اس لئے ہم نے بنایا ہے یہ مینی فیسٹو
’’ من تیرا احمق بگویم، تو میرا احمق بگو ‘‘

بھولتی جاتی ہے دنیا اب یہ قول مستند
عقل چوں پختہ شود انسان احمق می شود

فطرتاً احمق ہو جو انساں نہیں ہوتا وہ بد
وہ حماقت سب سے اچھی کچھ نہیں ہو جس کی حد

کچھ سہی اک خر محبت اس کا نصب العین ہے
وہ بھی اس انساں سے اچھا ہے جو بزنس مین ہے

اب رہا یہ مسئلہ کپڑے نہیں ہیں اپنے پاس
اس کے بارے میں ریزولیوشن کیا جائے گا پاس

اطلس و کمخواب اب ہم کو نہیں آئیں گے راس
سب سے اچھا ہے کہ پہنیں لوگ پتوں کا لباس

ناریل اور کیلے کا پتہ ہو یا انجیر کا قدرتی ہو پیرہن ہر پیکر تصویر کا

بمبئی

وسکی و سولن کا آبائی وطن ہے بمبئی لندن و پیرس کی سوتیلی بہن ہے بمبئی

مختلف دولہے ہیں جس کے وہ دلہن ہے بمبئی
فلم و علم و عشق کی ایک انجمن ہے بمبئی

بمبئی جس نے بسایا وہ بڑا استاد تھا
ورلڈ کا جغرافیہ اس کو زبانی یاد تھا

بمبئی میں عشق فرمانا بہت آسان ہے اس تجارت میں منافع کا بہت امکان ہے

عشق والوں کا یہاں میدان ہی میدان ہے بمبئی کا بچہ بچہ ماہر رومان ہے

دید اول وصل کا پیغام ہوتی ہے یہاں حسن کی دوشیزگی نیلام ہوتی ہے یہاں

حسن یاں ہنس ہنس کے کہتا ہے کہ میخانے میں چل
عشق کہتا ہے کہ مس چھمو کے کاشانے میں چل

وحشت دل کا تقاضہ ہے کہ ویرانے میں چل
اور پولیس کہتی ہے میرے ساتھ آ تھانے میں چل

جیب کہتی ہے ابے الو یہاں سے بھاگ جا
یا بنارس کا ٹکٹ لے یا سوئے پریاگ جا

دل کو بہلانے یہاں تم کھیل میں جاؤ تو رش
سینٹرل سے باندرہ تک ریل میں جاؤ تو رش

چھوڑ کر جنتا کو پونا میل میں جاؤ تو رش
قوم کی خدمت کے بدلے جیل میں جاؤ تو رش

ہے یہاں یہ حکم ہر مجبور و بیکس کے لئے
صبح سے لائن لگا دو شام کی بس کے لئے

ہے یہاں اک مرحلہ ایسا جو سر ہوتا نہیں
یعنی گھر والی تو ہو جاتی ہے گھر ہوتا نہیں

بام ہوتا ہے اگر گھر میں تو در ہوتا نہیں
یعنی گھر معلوم ہوتا ہے مگر ہوتا نہیں

ایک شوہر ایک بیگم ایک بھاوج ایک نند
بے تکلف ایک ہی کھولی میں ہو جاتے ہیں بند

تاجرانہ عشق کا یاں خاص ایٹی کیٹ ہے
یاں اگر عاشق ہے موٹا عشق میں بھی ویٹ ہے

یاں سبھی بھوکے ہیں لیکن اپنا اپنا پیٹ ہے
اپنا اپنا مارکیٹ ہے اپنا اپنا ریٹ ہے

شیخ جی بکتے رہیں ایسا ہے ویسا ہے خدا
بمبئی والے یہ فرماتے ہیں پیسہ ہے خدا

عشق کے میداں میں یاں گھوڑے بھی ہیں سائیں بھی
عقل کی محفل میں یاں جبریل بھی ابلیس بھی

حسن کے بازار میں یاں تھان بھی کٹ پیس بھی
چار سو بیسوں کے لیڈر آٹھ سو چالیس بھی

کیا بتاؤں میں تمہیں اس شہر کا جغرافیہ
بمبئی ہے اک غزل گڑبڑ ہے جس کا قافیہ

شکر کا مرثیہ

شکر کے قحط سے ہر شخص بے قرار ہے آج
خدا کی مار نہیں ہے شکر کی مار ہے آج

شکر کے قحط نے گڑ کو سکھا دیئے انداز
دعا قبول ہو یا رب کہ گڑ کی عمر دراز

شکر کے غم سے پریشان ہے ہر امیر و غریب
یہ کہہ رہا تھا کوئی شخص گھنٹہ گھر کے قریب

کوئی تو صورت امید اب نظر آ جائے خدا کرے مجھے پیشاب میں شکر آ جائے

نہ چھوٹے ہاتھ سے کس طرح دامن تمکین
کہ اب تو وہ لب شیریں بھی ہو گئے نمکین

شکر نے مار دیا ملک کے طبیبوں کو نہ جانے کس کی نظر لگ گئی غریبوں کو

خمیرہ گاؤ زباں گڑ میں بن تو جائے گا
مگر سوال یہ ہے کہ اس کو کون کھائے گا

شکر کا قحط ہے یارو نمک کی چائے پیو غرض یہ ہے کہ مقدر جو کچھ پلائے پیو

ہوئی ہے ہند میں جب سے شکر کی گاڑی لیٹ
شکر لبوں نے بھی اپنا بڑھا دیا ہے ریٹ

اگرچہ شربت دیدار اب بھی ہے رنگین مگر شکر کی جگہ اس میں پڑ گئی شکرین

شکر جو مل میں تھی کیا ہو گئی خدا معلوم
نہ ابتدا کی خبر ہے نہ انتہا معلوم

نہ میہماں کے لئے ہے نہ میزباں کے لئے شکر بنی ہے تجمل حسینؔ خاں کے لئے

کھلائے کیسے کوئی دعوتوں میں اب زردہ
شکر بلیک سے ملتی ہے وہ بھی در پردہ

شکر ہے یہ اسے میزان حق پہ مت تولو شکر ملے گی مگر پہلے چھوٹ تو بولو

یہ کہہ رہا تھا ڈی ایس او سے اک شکر خورا
مجھے تو دیجئے کم از کم شکر کا اک بورا

کھڑا ہے راشننگ آفس پہ ناحق اے بدھو نمک حرام شکر کھا کے کیا کرے گا تو

شکر ملے گی اسے جس نے دی یہ عرضی ہے کہ آج میرے بھتیجے کا عقد فرضی ہے

ہوا ہے قحط شکر کا عوام پر یہ اثر
جو پہلے شیر و شکر تھے وہ اب ہیں شیر و شتر

نہ اب وہ ساز وفا ہے نہ وہ نوا سنجی کہ اب شکر کی جگہ عام ہے شکر رنجی

گدھے کا قتل

بارہ بنکی سے ملی ہے یہ المناک خبر ایک انساں نے کیا ایک گدھے کا مرڈر

ہائے یہ قتل کہ جس میں کوئی ملزم نہ وکیل
نہ عدالت، نہ وکالت، نہ ضمانت، نہ اپیل

ایں چہ ظلم است کہ با دیدہ ترمی بینم تیغ قاتل ہمہ بر کردن خر می بینم

خر بھی اب جنگ کو تیار نظر آتے ہیں عالمی جنگ کے آثار نظر آتے ہیں

اس سے پہلے کہ بھڑک اُٹھیں گدھوں کے جذبات
خر مقتول کے بارے میں یہ ہو تحقیقات

یہ گدھا کون تھا، کس ملک کا باشندہ تھا؟
کیا کسی خاص جماعت کا نمائندہ تھا؟

قتل سے پہلے وہ کس بات پہ شرمندہ تھا؟
کیا ثبوت اس کا کہ وہ زندہ تھا یا مردہ تھا؟

بہر تقریر کبھی اس نے زباں کھولی تھی
اور کھولی تھی تو اردو تو نہیں بولی تھی

اب سے پہلے وہ پرستار وفا تھا کہ نہیں؟
یہ جواں مرگ ہمیشہ سے گدھا تھا کہ نہیں؟

یہ بھی معلوم کیا جائے بہ تحقیق تمام کس لئے قتل ہوا ہے یہ خر گل اندام

کہیں یہ قتل سیاست کا نتیجہ تو نہیں؟
مرنے والا کسی لیڈر کا بھتیجہ تو نہیں؟

کہیں اس قتل کے پیچھے کوئی سازش تو نہیں؟
کہیں یہ کمیونسٹوں کی نوازش تو نہیں

کہیں اس قتل کے پیچھے کوئی رومان نہ ہو؟
کہیں یہ قتل کسی نظم کا عنوان نہ ہو؟

کہیں بیمار غم دل تو نہیں تھا یہ گدھا؟
کہیں خود اپنا ہی قاتل تو نہیں تھا یہ گدھا؟

مجھ کو ڈر ہے یہ گدھا حق کا پرستار نہ ہو
ذوق کے دور میں غالب کا طرفدار نہ ہو

اگر ایسا ہے تو اس قتل پہ افسوس ہی کیا
مرنے والا بھی گدھا مارنے والا بھی گدھا

ہاں مگر غم ہے تو اس کا کہ جواں تھے موصوف
صرف اک خر ہی نہیں فخر خراں تھے موصوف

ایک حیوان جو ہم سب سے بڑا تھا نہ رہا
شہر میں ایک ہی معقول گدھا تھا نہ رہا

آؤ اس ظلم پہ کچھ دیر کو اب پچھتائیں دو منٹ کے لئے خاموش کھڑے ہو جائیں

ایک گدھا میدان سیاست میں

کل رات اک گدھے سے ملاقات ہو گئی ٹائم تو بے تکا تھا مگر بات ہو گئی

کہنے لگا کہ آپ دلاور فگارؔ ہیں شاعر ہیں بلکہ طنز و ظرافت نگار ہیں

حضرت نے میرے قتل کی ریومر اڑائی تھی
حالانکہ موت تو میرے قاتل کو آئی تھی

میں نے کہا ’’ میں آپ کو پہچانتا نہیں
میں نے تو کچھ بھی آپ کی بابت لکھا نہیں

کہنے لگا کہ بھول ہی جاتے ہیں مجھ کو لوگ
مطلب کے وقت باپ بناتے ہیں مجھ کو لوگ

میں نے کہا کہ زحمت نا وقت کا سبب
میری گھڑی میں رات کے دو بج رہے ہیں اب

کہنے لگا کہ آپ سے کچھ خاص کام ہے ڈریئے نہیں دفاع کا بھی انتظام ہے

میں نے کہا سپرد میرے کون سا ہے کام
میاں مجرموں کی لسٹ میں لکھا ہے میرا نام

کیا شامت آ گئی ہے کسی بدنصیب کی کیا آپ کو پسند ہے عورت رقیب کی

کہنے لگا کہ ایسی کوئی بات تو نہیں اتنی ذلیل وجہ ملاقات تو نہیں

میری نظر میں یہ تو غلط کام ہے جناب
میں چاہتا ہوں آپ کو حاصل ہو کچھ ثواب

میں چاہتا ہوں آپ لکھیں ایسی کوئی چیز
نیک اور بد کی جس سے زمانہ کو ہو تمیز

یہ شہر شہر لوٹ خرابی یہ گاؤں گاؤں
ناسور پڑ گئے ہیں کلیجے میں کیا بتاؤں

شہری ہوں جس میں ایک یہاں وہ سٹی نہیں یونٹ تو ایک ہی ہے مگر یونٹی نہیں

یوں تو ہر ایک شہر میں ہے ماتم خلوص انسان مر گیا ہے کراچی میں بالخصوص

یہ افسروں کی شان یہ آفس کا حال زار
یہ بابوؤں کے ٹھاٹ یہ رشوت کا کاروبار

حد ہے کہ دفتروں میں دوات اور قلم نہیں کوئی کلرک اکبر اعظم سے کم نہیں

عزت کو رنج ہے فنا ہو گئی ہوں میں دولت سمجھ رہی ہے خدا ہو گئی ہوں میں

عصمت پکارتی ہے کہ کوئی مجھے بچائے
محنت یہ پوچھتی ہے وہ کب تک یہ غم اٹھائے

فن کار کا یہاں بھی کوئی ہمنوا نہیں
پھرتے ہیں میر خوار کوئی پوچھتا نہیں

افسانہ بن گئی ہیں وسیع الخیالیاں لب پر خدا کا نام اور دل میں گالیاں

میں نے کہا تو اس میں میرا کیا قصور ہے
قسمت میں جو لکھا ہے وہ ہونا ضرور ہے

کہنے لگا جناب مقدر پرست ہیں اس دور میں بھی بوئے قدامت سے مست ہیں

میں نے کہا جناب مجھے سونے دیجئے جو کچھ بھی ہو رہا ہے یہاں ہونے دیجئے

اس طرح میرا وقت نہ برباد کیجئے کچھ کار لائقہ ہو تو ارشاد کیجئے

کہنے لگا کہ یوں تو نہیں چل سکے گا کام
کرنا پڑے گا اب تو مجھ ہی کچھ انتظام

مجبوراً اب میں راہ سیاست میں آؤں گا
سوچا یہ ہے کہ اب کے الیکشن لڑاؤں گا

لیڈر بنوں گا قوم کر رستہ دکھاؤں گا باقاعدہ گدھوں کی جماعت بناؤں گا

گردن میں ہار ڈالوں گا اور جیل جاؤں گا
’’ ہرگز نہیں چلے گی ‘‘ یہ نعرہ لگاؤں گا

میں جب بڑھوں گا ہاتھ میں ڈنڈا لئے ہوئے
رخ اپنا سوئے فوٹو گرافر کئے ہوئے

پبلک پکار اٹھے گی کہ لیڈر ہے یہ گدھا
ہر حیثیت سے اپنا برادر ہے یہ گدھا

میرا اصول یہ ہے جیو اور جینے دو پانی ہو یا شراب پیو اور پینے دو

میرا جلوس اٹھے گا کل آرام باغ سے شرکت کی التماس ہے ہر خوش دماغ سے

میں نے کہا جلوس میں شرکت کرے گا کون
تم جیسے رہبروں کی حمایت کرے گا کون

کہنے لگا کہ یاد مجھے گالیاں تو ہیں
کچھ بیوقوف ساتھ ہیں کچھ لاٹھیاں تو ہیں

پیسہ تو پاس ہے جو بہر طور چاہئے اک رہنمائے قوم کو کیا اور چاہئے

چھوٹے ہیں میرے ساتھ بڑے میرے ساتھ ہیں
اس ملک کے تمام گدھے میرے ساتھ ہیں

میں نے کہا کہ بھائی سیاست میں مت پڑو
دنگل نہیں ہے قومی الیکشن جو تم لڑو

مخصوص ہے یہ راہ مشاہیر کے لئے تم فٹ نہیں ہو ملک کی تعمیر کے لئے

کہنے لگا کہ میں بھی مشاہیر ہوں جناب
مجھ پر بھی اگلی نسل لکھے گی کوئی کتاب

تاریخ میں گدھوں کا بھی درجہ بلند ہے حیوان سب سے پہلا روایت پسند ہے

معیار رہبری کا اب اتنا بھی مت گراؤ
بہتر یہ ہے کسی سے رقم لے کر بیٹھ جاؤ

لوٹیں گے لوگ تم کو سیاست میں ڈال کر پچھتاؤ گے سنو ہو یہ حسرت نکال کر

تم آ گئے تو ہو گی الیکشن میں مار کاٹ
بہتر یہی ہے سیدھے چلے جاؤ دھوبی گھاٹ

بہتر یہ ہے اتار ہی دو لیڈری کا گون
سب رہبری کریں گے تو پیچھے چلے گا کون

یہ بات سن کے چیں بہ جبیں ہو گیا گدھا
تیوری چڑھی تو اور حسیں ہو گیا گدھا

آخر وہ دھندلی فضاؤں میں کھو گیا میں بھی خدا کا شکر ادا کر کے سو گیا

دعوتوں میں شاعری

دعوتوں میں شاعری اب ہو گئی ہے رسم عام
یوں بھی شاعر سے لیا جاتا ہے اکثر انتقام

پہلے کھانا اس کو کھلواتے ہیں بھوکے کی طرح
پھر اسے کرتے ہیں استعمال میٹھے کی طرح

سنئے ایک صاحب کا قصہ جو بڑے فنکار ہیں
ہاں مگر تھوڑے سے دعوت خور دنیا دار ہیں

ایک دعوت میں انہیں گانا بھی تھا کھانے کے بعد
’’ وہ تیرے آنے سے پہلے یہ تیرے جانے کے بعد

شاعر موصوف تھے اس فیلڈ میں بالکل نئے
اس لئے وہ کچھ ضرورت سے زیادہ کھا گئے

قورمہ، اسٹو، پسندہ، کوفتہ، شامی کباب
جانے کیا کیا کھا گیا یہ شاعر معدہ خراب

کچھ نہ پوچھو اس عمل سے ان کو کیا حاصل ہوا
ان کے ماضی سے جدا خود ان کا مستقبل ہوا

شعر پڑھنے کے لئے موصوف جب مسند پر آئے
زور تو پورا لگا ڈالا مگر کچھ پڑھ نہ پائے

چاہتے یہ تھے کہیں کچھ حال دل روداد غم
منہ سے صرف اتنا ہی نکلا مما مما مما مم

دیکھ کر ان کی یہ حالت اک ادیب زندہ دل
ان سے یہ کہنے لگا اے بے وقوف مستقل

آ کے بزم شعر میں شرط وفا پوری تو کر
یہ غلط دستور ہے پہلے طعام اور پھر کلام

یہ نہ ہو گا تو ادب زیر زمیں گڑ جائے گا
خوش گلو شاعر تو کھانا کھا کے ٹھس پڑ جائے گا

طرحی غزل

مشاعرے کے لئے قید طرح کی کیا ہے یہ اک طرح کی مشقت ہے شاعری کیا ہے

جو چاہتے ہیں کہ میں طرح میں غزل لکھوں
انہیں خبر ہی نہیں میری پالیسی کیا ہے

غزل جو طرح میں لکھی ہے کس طرح لکھی یہ پوچھنے کی کسی کو اتھارٹی کیا ہے

غزل کی شکل بدل دی ہے آپریشن سے سخنوری ہے اگر یہ تو سرجری کیا ہے

میں جب غزل میں گلستان کا ذکر کرتا ہوں
وہ پوچھتے ہیں گلستاں کی فارسی کیا ہے

غزل کے بدلے اگر کچھ معاوضہ مل جائے
میں سوچتا ہوں تو پھر شاعری بری کیا ہے

میری غزل میں تخلص کسی کا فٹ کر دو تخلصوں کی بھی اس شہر میں کمی کیا ہے

غزل

وطن والو! یہ مصنوعی گرانی دیکھتے جاؤ
کہ سستا ہے لہو مہنگا ہے پانی دیکھتے جاؤ

یہ رنگ و نسل کا چکر یہ سرخ و سبز کی ٹکر
بلاؤں پر بلائیں آسمانی دیکھتے جاؤ

جنہیں روٹی نہیں ملتی وہ دس بچوں کے والد ہیں
یہ افلاس اور یہ جوش جوانی دیکھتے جاؤ

ہر اک والد یہاں مثل مصور ہم سے کہتا ہے
کہ بعد نقش اول نقش ثانی دیکھتے جاؤ

وہ شے جس کے لئے جنت کو ٹھکرایا تھا آدم نے
وہ شے پھر ہو گئی خلد آشیانی دیکھتے جاؤ

غریبوں کے لئے جھگی امیروں کے لئے کوٹھی
مگر مارے گئے ہم درمیانی دیکھتے جاؤ

فگارؔ اس دور میں بھی طنزیہ اشعار کہتا ہے
تم اس شاعر کی آشفتہ بیانی دیکھتے جاؤ

غزل

اک دوات ایک قلم ہو تو غزل ہوتی ہے جب یہ سامان بہم ہو تو غزل ہوتی ہے

مفلسی عشق مرض بھوک بڑھاپا اولاد دل کو ہر قسم کا غم ہو تو غزل ہوتی ہے

بھوت آسیب شیاطین اجنہ ہمزاد اور بزرگوں کا کرم ہو تو غزل ہوتی ہے

شعر نازل نہیں ہوتا کبھی لالچ کے بغیر دل کو امید رقم ہو تو غزل ہوتی ہے

تندرستی بھی ضروری ہے تغزل کے لئے
ہاتھ اور پاؤں میں دم ہو تو غزل ہوتی ہے

پونچھ کتے کی جو ٹیڑھی ہے تو کچھ بھی نہ بنے
اور تیری زلف میں خم ہو تو غزل ہوتی ہے

صرف ٹھّرے سے تو قطعات ہی ممکن ہیں فگارؔ
ہاں اگر وسکی و رم ہو تو غزل ہوتی ہے

ناقد اعظم

کسی مشاعرے کے بعد ایک بڑا استاد
سنا رہا تھا کچھ اس طرح بزم کی روداد
عجب مشاعرہ تھا یہ عجیب شاعر تھے
کہ جس کے دل میں جو آتا تھا بک رہا تھا وہاں
غلط کلام کا پکوان پک رہا تھا وہاں
مشاعرے میں کسی نے یہ شعر فرمایا

’’ جسے بھی اب نگہ یار انتخاب کرے گل مراد بھرے ہیں سبھی کے دامن میں ‘‘

’’ گل مراد ‘‘ یہاں کتنا نا مناسب ہے
’’ گل مراد ‘‘ کوئی پھول ہی نہیں ہوتا
بجائے اس کے کوئی اور پھول لکھ دیتے
کہ جیسے بیلا، چنبیلی، گلاب یا گوبھی ‘‘

اک اور شاعر نو مشق نے یہ شعر پڑھا

’’کچھ اور کاتب قسمت نے غم لکھے ہوتے
جگہ تو تھی میری بدقسمتی کے دامن میں ‘‘

یہ شعر جس نے کہا ہے وہ شخص جھوٹا ہے
نہ جانے چاہتا کیا ہے یہ بوالہوس شاعر
اگر یہ شعر کہیں سن لے کاتب تقدیر
کچھ اور غم بھی اگر بخش دے وہ شاعر کو
تو بھاگتا نظر آئے گا کون؟ یہ شاعر
کہے گا کاتب قسمت سے سنئے تو بھائی
جو شعر میں نے کہا وہ تو اک فسانہ تھا
مشاعرے میں چہکنے کا اک بہانہ تھا
خدا کے واسطے اب غم ری فنڈ کر لیجئے
میں کینسل کئے دیتا ہوں شعر ہذا کو
کسی مشاعرے میں اب نہیں پڑھوں گا یہ شعر

اک اور شاعر کم فہم نے یہ شعر پڑھا

’’ میرے خیال میں وہ اس طرح ہیں جلوہ فگن
کہ جیسے تاج محل چاندنی کے دامن میں ‘‘

’’ میرے خیال میں وہ اس طرح ہیں جلوہ فگن ‘‘
سوال یہ ہے یہاں ’’ وہ ‘‘ سے کیا عبارت ہے!
بجائے ’’ وہ ‘‘ کے اگر ’’ وہ ‘‘ کا نام آ جاتا
تو اہل ذوق کو لطف کلام آ جاتا

اسی غزل میں کہیں ایک شعر یہ بھی تھا

’’ تلاش قاتل انسانیت میں نکلے تھے نشاں لہو کے ملے آدمی کے دامن میں ‘‘

’’ تلاش قاتل انسانیت میں نکلے تھے ‘‘
میری سمجھ میں نہیں آیا کون نکلے تھے ‘‘
برات والے، پولیس والے، یا چمن والے
مرے خیال سے یہ شعر یوں کہا جاتا
جناب ایس پی شہر کی قیادت میں
پئے حراست ملزم لیے ہوئے وارنٹ
پولیس کے چند سپاہی بدل کے شہری بھیس
تلاش قاتل انسانیت میں نکلے تھے
نشاں لہو کے ملے آدمی کے دامن میں
اور آدمی پہ چلا کیس قتل آدم کا
اور آدمی کو سزا ہو گئی عدالت سے ‘‘

اک اور شاعر ناداں نے یہ بھی فرمایا

’’ کہو تو نذر کروں دل کے چند ٹکڑے ہیں
یہ پھول مل نہ سکیں گے کسی کے دامن میں ‘‘

کہو تو نذر کروں کس سے کہہ رہا ہے پوئٹ
بہن سے، باپ سے، استاد سے کہ بیوی سے؟
کہو تو نذر کروں؟ یہ بھی کوئی بات ہوئی
جو نذر کرنا ہی ٹھہرا تو پوچھنا کیسا؟
جو پیش کرنا ہے تحفہ تو پھر اجازت کیا
یہ بات ایسی ہے جیسے کوئی یہ پوچھے
کہو تو تم کو کھلا دوں ذرا سا حلوہ ہے؟
’’ کہو تو نذر کروں ‘‘ سن کے کون کہہ دے گا
کہ تم وہ ٹکڑے وہ کٹ پیس میری نذر کرو
کہو تو نذر کروں، کہنے کا یہ مطلب ہے
کہ نذر وزر تو کچھ بھی نہیں کرے گا یہ شخص
یہ شعر سونگھ کے دیکھا تو آئی بوئے دروغ
یہ شاعری ہے تو بس ہو چکا ادب کو فروغ

اسی غزل میں کہیں ایک شعر یہ بھی تھا

’’ اب آپ اس کو گریباں سمجھئے یا دامن
ملا لیا ہے گریباں کو سی کے دامن میں ‘‘

یہ شعر بخیہ گری کا حسیں نمونہ ہے
یہ آرٹ وہ ہے جسے تم سمجھ نہیں سکتے
اگر جناب سمجھنا ہی چاہتے ہیں یہ شعر
علیؔ حسین سے، لڈن سے مشورہ کیجئے
وہی بتائیں گے اس شعر میں کہا کیا ہے
یہ فلسفی ہی سے پوچھو کہ فلسفہ کیا ہے
جب اس طرح کے بھی نقاد ہوں ادبیوں میں
شمار کیوں نہ ہو شاعر کا بدنصیبوں میں

غزل ( ابن انشاء سے معذرت کے ساتھ )

سجی چودھویں کر رات تھی آباد تھا کمرہ ترا
ہوتی رہی دھن تک دھنا بجتا رہا طبلہ ترا

....... شناسا، آشنا، ہمسایہ، عاشق نامہ بر
....... تھا تیری بزم میں ہر چاہنے والا ترا

....... ہیں جتنے دیدہ ور تو سب کا منظور نظر
.......گاما ترا، پھجا ترا، ایرا ترا، غیرا ترا

....... شخص آیا بزم میں جیسے سیاہی رزم میں
کچھ نے کہا یہ باپ ہے، کچھ نے کہا بیٹا ترا

میں بھی تھا حاضر بزم میں جب تو نے دیکھا ہی نہیں
....... بھی اٹھا کر چل دیا بالکل نیا جوتا ترا

....... اک ڈاکے میں کل دونوں نے مل کر لوٹا ہے
....... اب یہ کہتا ہے آدھا مرا آدھا ترا

غزل

نہ میرا مکان ہی بدلا ہے، نہ تیرا پتا کوئی اور ہے
میری راہ پھر بھی ہے مختلف، تیرا راستہ کوئی اور ہے

پس مرگ خاک ہوئے بدن وہ کفن میں ہوں کہ ہوں بے کفن
نہ مری لحد کوئی اور ہے، نہ تری چتا کوئی اور ہے

وہ جو مہر بہرِ نکاح تھا وہ دلہن کا مجھ سے مزاح تھا
یہ تو گھر پہنچ کے پتا چلا میری اہلیہ کوئی اور ہے

مری قاتلہ مری لاش سے یہ بیان لینے کو آئی تھی
نہ دے ملزمہ کو سزا پولیس، مری قاتلہ کوئی اور ہے

جو سجائی جاتی ہے رات کو وہ ہماری بزم خیال ہے
جو سڑک پہ ہوتا ہے رات دن وہ مشاعرہ کوئی اور ہے

کبھی میرؔ و داغؔ کی شاعری بھی معاملہ سے حسین تھی
مگر اب جو شعر میں ہوتا ہے وہ معاملہ کوئی اور ہے

تجھے کیا خبر کہ میں کس لیے، تجھے دیکھتا ہوں کن انکھیوں سے
کہ براہِ راست نظارہ میں مجھے دیکھتا کوئی اور ہے

یہ جو تیتر اور چکور ہیں وہی پکڑیں ان کو جو چور ہیں
میں چکور وکور کا کیا کروں میری فاختہ کوئی اور ہے

مجھے ماں کا پیار نہیں ملا مگر اس کا باپ سے کیا گلہ
مری والدہ تو یہ کہتی ہے تری والدہ کوئی اور ہے

میں نے کہا اُس نے کہا

حالات شہر سے متاثر ہو کر

میں نے کہا کہ شہر کے حق میں دعا کرو اُس نے کہا کہ بات غلط مت کہا کرو

میں نے کہا کہ رات سے بجلی بھی بند ہے
اُس نے کہا کہ ہاتھ سے پنکھا جھلا کرو

میں نے کہا کہ شہر میں پانی کا قحط ہے اُس نے کہا کہ پیپسی کولا پیا کرو

میں نے کہا کہ کار ڈکیتوں نے چھین لی
اُس نے کہا کہ اچھا ہے پیدل چلا کرو

میں نے کہا کہ کام ہے نہ کوئی کاروبار اُس نے کہا کہ شاعری پر اکتفا کرو

میں نے کہا کہ سو کی بھی گنتی نہیں ہے یاد
اُس نے کہا کہ رات کو تارے گنا کرو

میں نے کہا کہ ہے مجھے کرسی کی آرزو اُس نے کہا کہ آیت کرسی پڑھا کرو

میں نے کہا کہ غزل پڑھی جاتی نہیں صحیح
اُس نے کہا کہ پہلے ریہرسل کیا کرو

میں نے کہا کہ کیسے کہی جاتی ہے غزل اُس نے کہا کہ میری غزل گا دیا کرو

ہر بات پر جو کہتا رہا میں ’’ بجا! بجا! ‘‘
اُس نے کہا کہ یوں ہی مسلسل بجا کرو

آدھی غزل

مجھے شک ہے مرے محبوب کی اک آنکھ غائب ہے
کہ وہ جب بھی اُلٹتا ہے اُلٹتا ہے نقاب آدھا

سنا ہے نصف بہتر بھی کہا جاتا ہے بیگم کو
تو کیا اس کا یہ مطلب ہے کہ شوہر ہے خراب آدھا

جو مطلب کی عبارت تھی اسے پنجوں سے گھس ڈالا
کبوتر لے کے آیا ہے میرے خط کا جواب آدھا

برخوردار

کھڑے تھے ایک برخوردار کل نزدیک ریگل کے
میں سمجھا یہ کوئی سر سید و اقبال ہیں کل کے

کہا میں نے تمہارا نام، بولے سرفراز اختر
کہا کالج میں پڑھتے ہو، تو فرمانے لگے یس سر

کہا میں نے کہ آئندہ بھی پڑھنے کا ارادہ ہے
فرمایا کہ جو کچھ پڑھ لیا وہ بھی زیادہ ہے

نہ میں پیچھے کو بڑھتا ہوں نہ میں آگے کو بڑھتا ہوں
فقط دس سال سے صرف ایک ہی درجہ میں پڑھتا ہوں

میری صورت ہے نورانی، میری فطرت ہے رومانی
میں پروانہ صبیحہؔ کا، صبیحہ میری پروانی

ماخذ: http://forum.urduworld.com/f618/ ترتیب

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

سینما میں نماز