شادی کااسلامی تصور
ڈاکٹر محمد حسین مُشاہدؔ رضوی
مالیگاؤں
(ایم۔ اے، پی۔ ایچ۔ ڈی، یوجی سی نیٹ)
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
الصلاۃ والسلام علیک یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم
ابتدائیہ
نکاح اور شادی انسانی فطرت کا خاصہ اور اس کی ضرورت ہے۔ جس کا تصور ہر مذہب میں بہ صورتِ مختلف موجود ہے۔ نکاح کرنے سے انسان بہت ساری برائیوں اور بد اعمالیوں سے محفوظ ہو جا تا ہے۔ گھروں میں خیر و برکات کا نزول ہوتا ہے اور معاشی تنگ دستی بھی دور ہو جا تی ہے۔ نکاح کے بے شمار فوائد و ثمرات ہیں۔ اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات مذہب ہے۔ اس نے اپنے پیروکاروں کی ہر میدان میں رہِ نمائی فرمائی ہے۔ زندگی، موت، بعد الموت اور آخرت وغیرہ سے متعلق اس نے کوئی بھی تشنگی نہیں چھوڑی ہے۔
اسلام میں نکاح اور شادی کا تصور اپنے اندر طہارت اور پاکیزگی لیے ہوئے ہے۔ ذخیرۂ احادیث میں بہ کثرت حدیثیں اس کی ترغیب، ضرورت و اہمیت، نکاح کی شرائط، نکاح سے پہلے باہمی مشورت، لڑکی کی رضامندی، مہر، طریقۂ نکاح، ولیمہ اور جہیز وغیرہ شادی سے متعلق دیگر جملہ امور کی صحیح ادائیگی کا طریقہ بتاتی ہیں۔احادیثِ رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم اور سنتِ رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم پر عمل کرتے ہوئے اگر زندگی کے شب و روز بسر کیے جائیں تو ہمارا ماحول پاکیزگی کا نمونہ بن جائے گا۔ صالح اسلامی معاشرے کی تعمیر و تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ اسلامی اخلاق و آداب کو کماحقہٗ حاصل کرتے ہوئے عمل کے چراغ روشن کریں۔ برادرِ اصغر عزیزی محمد اسماعیل رضا برکاتی کی رسمِ مناکحت کے پُر مسرت موقع پر اس مختصر سے رسالہ میں شادی کے اسلامی تصور کو واضح کرنے کی حقیر سی کوشش کی جا رہی ہے۔ اہل علم سے التماس ہے کہ خامیوں کی نشان دہی فرما کر اصلاح سے نوازیں۔
کتاب کی اشاعت میں دل چسپی کا مظاہر کرنے والے اراکین ادارۂ دوستی کا راقم صمیم قلب سے ممنون و متشکر ہے۔ اللہ عز و جل ہمارے جملہ مقاصدِ حسنہ کی تکمیل کرتے ہوئے شرفِ قبولیت سے نوازے(آمین بجاہِ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم)
محمد حسین مُشاہدؔ رضوی، مالیگاؤں
۱۵؍ رجب المرجب ۱۴۳۲ھ / ۱۸؍ جون ۲۰۱۱ء بروز سنیچر
بسم اللہ الرحمن الرحیم نکاح کی اہمیت اور ضرورت
رسولِ کونین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے نکاح اور شادی کی ترغیب دی ہے اور اس کی اہمیت اور ضرورت کو بیان بھی فرمایا ہے۔ احادیثِ طیبہ کے مطالعہ کی روشنی میں یہ بات واضح ہوتی ہے کہ نکاح کرنا مسلمان کے لیے بہت سارے فوائد و ثمرات اور برکات کا خزینہ ہے۔
آقائے کائنات صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا فرمانِ عالی شان ہے کہ : یہ دنیا متاع ہے اور اس کی بہترین متاع نیک عورت ہے۔ (مسلم شریف)
نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمانِ والا شان یہ بھی ہے کہ : وہ مرد مسکین ہے، وہ مرد مسکین ہے، جس کی بیوی نہیں۔ صحابۂ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین نے عرض کی، یارسول اللہ (ﷺ)! اگرچہ اُس کے پاس مال ہو؟ آپ(ﷺ) نے فرمایا کہ ہاں ! تب بھی وہ مسکین ہے، پھر آپ(ﷺ) نے فرمایا : وہ عورت مسکینہ ہے جس کے شوہر نہیں۔ صحابۂ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین نے دوبارہ عرض کی، یارسول اللہ (ﷺ)! اگرچہ اُس کے پاس مال ہو؟ آپ(ﷺ) نے فرمایا کہ ہاں ! تب بھی وہ مسکینہ ہے۔
ایک مرتبہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالی ٰعنہ نے شادی نہ کرنے کا ارادہ کیا، جب یہ خبر ان کی بہن ام المؤمنین حضرت سیدہ حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو پہنچی تو انھوں نے کہا کہ بھائی ! تم شادی کر لو، اگر کوئی بچہ پیدا ہوا اور زندہ رہا تو تمہارے حق میں دعائے خیر کرے گا۔
حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ فرماتے ہیں … جب تم میں کوئی نکاح کرتا ہے تو شیطان کہتا ہے ہائے افسوس! ابن آدم نے مجھ سے اپنا دو تہائی دین بچا لیا۔ (بہار شریعت)
حضرت انس رضی اللہ تعالی ٰعنہ سے مروی ہے کہ حضور انور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: جو خداے تعالیٰ سے پاک و صاف ہو کر ملنا چاہے وہ آزاد عورتوں سے نکاح کرے۔(ابن ماجہ)
حضرت مجا ہد رحمۃ اللہ تعالی ٰعلیہ کا بیان ہے کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی ٰعنہ نے حضرت سُمیع رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت کُریب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو بلا کر کہا کہ تم دونوں اس عمر کو پہنچ گئے ہو جس میں مرد ازدواجی زندگی کے قابل ہو جاتے ہیں اس لیے تم میں جو چاہے میں اُس کی شادی کر دوں ؟ جب کوئی شخص بدکاری میں مبتلا ہو جاتا ہے تو اس سے اللہ تعالیٰ اسلام کا نور سلب کر لیتا ہے، پھر اس کی مرضی واپس کرے یا نہ کرے۔(کنزالعمال ج ۸ ص ۲۸۷)
حضرت ہشام بن جحیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے طاؤس سے روایت کی ہے کہ نوجوان کی عبادت اس وقت تک مکمل نہیں ہوتی جب تک کہ وہ نکاح نہ کر لے۔
حضرت امیر المؤمنین ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے انھوں نے فرمایا کہ اللہ نے جو تمھیں نکاح کا حکم فرمایا ہے تو تم اس کی اطاعت کرو، اس نے غنی کرنے کا وعدہ کیا ہے پورا فرمائے گا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اگر وہ فقیر ہوں گے تو اللہ انھیں اپنے فضل سے غنی کر دے گا۔(ابن ابی حاتم)
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: اے جوانو!تم میں جو کوئی شادی کی استطاعت رکھتا ہے وہ شادی کر لے کیوں کہ یہ اجنبی عورت کی طرف نظر کرنے سے نگاہ کو روکنے والا اور شرم گاہ کی حفاظت کا بہترین ذریعہ ہے اور جو اس کی استطاعت نہیں رکھتا وہ روزہ رکھے کیوں کہ روزہ قاطعِ شہوت ہے۔(مسلم شریف)
ان احادیثِ طیبہ سے نکاح اور شادی کی ضرورت اور اہمیت کا بہ خوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ مسلمان نوجوانوں کو شادی کرنا کتنا ضروری ہے۔ نکاح کرنے سے انسان کے بدکاری میں مبتلا ہونے کا اندیشہ نہیں رہتا، بد نگاہی اور دیگر افعالِ ناپسندیدہ سے حفاظت کے ساتھ تسکینِ طبع کا سامان مہیا ہو جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے غنی کر دیتا ہے۔
نکاح کے لیے دین داری کو فوقیت دیں
اسلام نے شادی کیسی عورتوں سے کی جانی چاہیے؟ اس کا معیار اور پیمانہ بھی اپنے ماننے والوں کو دیا ہے چناں چہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ آقائے کائنات صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا کہ : عورت سے نکاح چار باتوں کی بنیاد پر کیا جاتا ہے(۱) مال و دولت(۲)حسن و جمال(۳)خاندانی حسب و نسب، اور (۴) دین داری، تم دین دار عورت سے نکاح کرو۔(بخاری و مسلم)
سرکارِ دو عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا : تم شادی میں صرف عورت کے حسن و جمال کو نہ دیکھو کیوں کہ اس کا حُسن بہت جلد ختم ہو جائے گا، نہ اُس کے مال کو دیکھو اُس کی مال داری اُس کو نافرمان بنا سکتی ہے، بل کہ عورت سے شادی اُس کی دین داری کی وجہ سے کرو، دین دار کالی رنگ کی باندی، بے دین خوب صورت عورت سے بہتر ہے۔(سنن ابن منصور)
حضرت امام شعبی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا : میں نے زید بن حارثہ(رضی اللہ تعالیٰ عنہ جو حضور علیہ السلام کے غلام تھے)کا نکاح زینب بنت جحش(رضی اللہ عنہا جناب عبدالمطلب کی نواسی) سے کیا، اور مقداد (رضی اللہ تعالیٰ عنہ) کا نکاح ضباعہ بنت زبیر بن عبدالمطلب سے کیا، تاکہ لوگ جان لیں کہ سب سے بڑا شرف اسلام ہے۔حضرت ابراہیم تیمی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا بیان ہے کہ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے خاندان کی ایک عورت سے کہا کہ تم کو اللہ کا واسطہ دے کر کہتا ہوں کہ کسی مسلمان سے شادی کر لو، اگرچہ وہ سُرخ رنگ کا رومی ہو یا سیاہ رنگ کا حبشی۔(سنن ابن منصور)
حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو کسی عورت سے اس کی عزت کی وجہ سے نکاح کرے اللہ تعالیٰ اس کی ذلت اور جو کسی عورت سے اس کے مال کی وجہ سے نکاح کرے گا اللہ تعالیٰ اس کی محتاجی ہی بڑھائے گا اور جو اس کے حسب (خاندانی رعب و دبدبہ) کے سبب نکاح کرے گا تو اس کے کمینہ پن میں زیادتی فرمائے گا، اور جو اس لیے نکاح کرے کہ اِدھراُدھر نگاہ نہ اُٹھے اور پاک دامنی حاصل ہو یا صلۂ رحم کرے تو اللہ تعالیٰ اس مرد کے لیے اس عورت میں برکت دے گا اور عورت کے لیے اُس مرد میں۔(بہارِ شریعت)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ، رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تمھیں وہ شخص نکاح کا پیغام دے جس کی دین داری اور اخلاق کو تم پسند کرتے ہو تو (اپنی بیٹی کا) نکاح کر دو، اگر نہ کرو گے تو زمین میں بڑا فتنہ و فساد برپا ہو گا۔(ترمذی شریف)
افسوس ! کہ فی زمانہ ہم دیکھتے ہیں کہ نکاح کرنے میں دولت اور حسن و جمال کے ساتھ ساتھ خاندانی رعب و دبدبہ کو لوگ مقدم رکھتے ہیں اور دین داری کا تو کہیں تصور ہی نہیں رہتا۔ دولت مند لڑکے کی تلاش میں لڑکی کے نکاح میں تاخیر بھی کرتے ہیں اور یہ نہیں سوچتے کہ برائیاں جنم لے سکتی ہیں۔ اسی طرح لڑکے کے لیے خوب صورت اور پری تمثال لڑکی کی تلاش میں سرگرداں ہو کر اخلاق و کردار سے عاری لڑکی کو بہو بنا کر عمر بھر کے پچھتاوے کو گلے لگا لیتے ہیں۔ لڑکی اگر دین دار اور با اخلاق ہو گی تو جو اولاد پیدا ہو گی وہ صالح اور نیک ہو کر اپنے ماں باپ اور خاندان کے لیے باعثِ ننگ و عار نہیں بل کہ باعثِ خیر و برکت ہو گی۔
نکاح سے قبل لڑکے اور لڑکی ایک دوسرے کو دیکھ لیں
لڑکے اور لڑکی کا نکاح سے پہلے ایک دوسرے کو دیکھنا از روئے شرع درست ہے۔ تاکہ شادی کے بعد زوجین کے درمیان خوش گوار تعلقات قائم رہیں اور کسی بھی قسم کی الجھن اور تکرار کی نوبت نہ آنے پائے۔اس سلسلے میں احادیثِ طیبہ ملاحظہ کریں۔
حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، میں نے ایک عورت سے شادی کی بات کی۔ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کو خبر ہوئی تو دریافت فرمایا کہ تم نے اُس عورت کو دیکھ لیا ہے؟ پھر آپ(ﷺ) نے ارشاد فرمایا کہ: تم پہلے اُس کو دیکھ لو کیوں کہ یہ بات زوجین کے درمیان خوش گوار تعلقات کے لیے بہت مفید ہے۔ چناں چہ میں نے اُس عورت کو دیکھا، اُس وقت اُس کے والدین موجود تھے اور وہ پردے کے اندر تھی، میں نے بڑی صفائی سے کہہ دیا کہ میں رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے حکم اور مشورہ پر تم کو دیکھنے کے لیے آیا ہوں، والدین تو خاموش رہے لیکن لڑکی نے پردے کا کونا اُٹھا کر کہا کہ اگر رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے تم کو مجھے دیکھنے کا حکم دیا ہے تو میں تمہارے سامنے آ رہی ہوں، اگر آپ (ﷺ) نے اس کا حکم نہیں دیا ہے تو میری طرف ہرگز نہ دیکھنا، میں نے اُس کو ایک نظر دیکھا اور اسی سے نکاح کر لیا۔(کنز العمال)
حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی کسی عورت کو شادی کا پیغام دے تو اگر ہوسکے کہ اس کو دیکھنے کی وجہ سے نکاح میں رغبت ہوتی ہے تو وہ ایسا کرے۔اس حدیث کو بیان کرنے کے بعد حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بتایا کہ میں نے بنو سلمہ کی ایک عورت سے شادی کی بات کی تو درخت کی آڑ سے اُس کو دیکھا تو وہ مجھے پسند آئی اور میں نے اُسی سے شادی کر لی۔(ابوداؤد شریف)
شادی سے پہلے لڑکے اور لڑکی کا ایک دوسرے کو دیکھنے کی اجازت صر ف اس لیے ہے کہ شادی کے بعد تعلقات میں خلیج نہ پیدا ہو لیکن آج مغربی کلچر اور غیر اسلامی طریقۂ کار میں ڈوب کر لڑکے لڑکی شادی سے پہلے سیر و تفریح کے لیے جاتے ہیں، گھنٹوں موبائل پر بات چیت کرتے ہیں یہ باتیں اسلامی شریعت کے خلاف ہیں ان سے بچنا ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے۔
نکاح کے لیے لڑکی کی رضا مندی کو اوّلیت دیں
نکاح اور شادی کے لیے لڑکے کی بہ نسبت اسلام نے لڑکی کی رضا مندی اور خوشی کو اولیت دی ہے۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اسلام جیسے مذہبِ مہذّب میں مستورات کا مقام و منصب معمولی حیثیت نہیں رکھتا۔نیز دونوں کو یہ حق دیا ہے کہ وہ اس تعلق سے افرادِ خانہ، خویش و اقارب اور صائب الرائے اشخاص سے صلاح و مشورہ کر لیا کریں کہ خوش گوار تعلقات کو مستحکم بنا نے کے لیے یہ امر ضروری ہے۔
ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا کہ : عورتوں سے ان کے نکاح کے بارے میں مشورہ لیا جائے۔ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے عرض کی، یارسول اللہ (ﷺ) ! عورتیں شرماتی ہیں، آپ(ﷺ) نے فرمایا: بیوہ اس معاملہ میں پورا حق اور اختیار رکھتی ہے۔ البتہ باکرہ یعنی بِن بیاہی دوشیزہ کا اس بارے میں خاموش رہنا اقرا ر مانا جائے گا۔(مسلم شریف)
حضرت عکرمہ تابعی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا کہ : عورتوں کو ان کی نا پسندیدہ باتوں پر مجبور نہ کرو، یعنی ان کی مرضی اور مشورہ سے اُن کا نکاح وغیرہ کرو۔
ایک مرتبہ امیر المؤمنین حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی عدالت میں ایک جوان عورت لائی گئی جس کا نکاح لوگوں نے ایک بوڑھے مرد سے کر دیا تھا، اور بیوی نے اپنے بوڑھے شوہر کو مار ڈالا تھا، اس وقت حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اعلان کیا کہ اے لوگو! اللہ سے ڈرو، مرد کو چاہیے کہ اپنی جیسی عورت سے شادی کرے اور عورت کو چاہیے کہ اپنے جیسے مرد سے شادی کرے۔(کنز العمال)
حضرت عبداللہ بن بریدہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ایک نوجوان عورت نے اُم المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی خدمت میں آ کر کہا کہ میرے والد نے میرا نکاح اپنے بھتیجے سے کر دیا ہے، تاکہ اُن کا نام اونچا ہو، حال آں کہ میں اُس کو ناپسند کرتی ہوں، حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے کہا کہ بیٹھو!… ابھی رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم تشریف لاتے ہیں تم ان سے یہ واقعہ بیان کرو۔
چناں چہ آقائے کائنات، غم خوارِ امت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم تشریف لائے اور اس عورت نے اپنا ماجرا بیان کیا، آقا صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے اس کے والد کو بُلا بھیجا، والد نے جب یہ باتیں سنیں تو اپنی لڑکی کواس معاملہ میں اختیار دے دیا۔ لڑکی نے باپ کی شفقت و محبت کا یہ حال دیکھ کر کہا کہ میرے باپ نے جو کچھ کر دیا میں اس پر راضی ہوں۔(سنن بیہقی)
روایتوں میں آتا ہے کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپنی لڑکیوں کے نکاح کے لیے ان سے مشورہ لیتے تھے۔ حضرت طاؤس کہتے ہیں کہ عورتوں سے ان کے نکاح کے بارے میں مشورہ کیا جائے۔
صالح معاشرے کی تعمیرو تشکیل کے لیے والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ شادی سے پہلے لڑکی کی رائے ضرور لیں تاکہ شادی کے بعد زوجین کے درمیان محبت و الفت قائم رہے اور گھر جنت نشان بنا رہے۔
مہر کی ادائیگی رسم نہیں، شرعی حق ہے
شوہر کی طرف سے بیوی کو مہر کی ادائیگی محض ایک رسم کی تکمیل نہیں بل کہ یہ بیوی کا شرعی حق ہے۔ نکاح کی جملہ شرائط میں سب سے اہم شرط مہر کا ادا کرنا ہے۔چناں چہ بخاری و مسلم کی حدیث ہے جو حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: تمام شرطوں میں پوری کرنے کے لیے زیادہ اہم شرط وہ (مہر)ہے کہ جس کی بنیاد پر تم نے اپنی بیویوں کی شرم گاہوں کو حلال کیا۔
امیر المؤمنین حضرت علی مرتضیٰ کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم کا بیان ہے کہ : میں نے رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی صاحب زادی سے شادی کا ارادہ کیا پھر سوچا کہ میرے پاس کچھ نہیں ہے، مگر آپ(ﷺ) کے لطف و کرم کے پیشِ نظر اپنا مدعا بیان کر دیا، آقا صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے دریافت فرمایا: تمہارے پاس کچھ ہے ؟ میں نے نفی میں جواب دیا تو فرمایا تمہاری حطمی زرہ کہاں ہے؟ اسے لاؤ، چناں چہ اسی زرہ پر رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے (حضرت)فاطمہ (رضی اللہ تعالیٰ عنہا) کا نکاح مجھ سے کر دیا۔
امیر المؤمنین حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ میرے علم میں رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے اپنی کسی بیوی یا اپنی کسی صاحب زادی کا نکاح بارہ اوقیہ سونے سے زیادہ مہر پر نہیں کیا، اس کی قیمت چار سو اسی درہم ہوتی ہے۔(طبقات ابن سعد)
مہر کی رقم بہت کم اور بہت زیادہ بھی نہیں ہونی چاہیے۔ اسلام نے ہر معاملے میں میانہ روی کی تعلیم دی ہے۔ مہر کی زیادتی سے باہمی عداوت کی صورت پیدا ہوسکتی ہے، مہر کی گراں باری سے کچھ لوگ اس قدر پریشان ہو جاتے ہیں کہ اپنی بیوی سے کہہ دیتے ہیں کہ تم میرے لیے مصیبت بن گئی ہو اس لیے مہر کی رقم کا تعین احتیاط سے ہو جو زوجین کے لیے آپسی محبت و الفت کو مستحکم رکھے۔
ہاں ! مردوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس حق کو بوجھ نہ سمجھیں بل کہ اس کو پوری کشادہ قلبی، نشاط و انبساط اور اور خوش دلی سے پورا کریں۔ کم علمی کی بنیاد پر کہیں کہیں مہر کو معاف کروا نے کا رواج بھی عام ہے جو کہ سراسر غلط سوچ ہے،اسی طرح کچھ لوگ مہر دینے میں زبردستی دیر کرتے ہیں ہونا تو یہ چاہیے کہ نکاح کے فوراً بعد مہر ادا کر دی جائے۔غرض یہ کہ مہر جیسے حق کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کا نقصان نہیں یہ تو باعثِ ثواب ہے اس لیے اس کو ادا کرنے میں گراں باری نہیں بل کہ روحانی سکون محسوس کریں۔
نکاح کو آسانی اور سادگی کا نمونہ بنائیں
اسراف و تبذیر، فضول خرچی اور ریاکاری کی وبا نے آج نکاح اور شادی کو آسانی اور سادگی کا نمونہ بنا نے کی بجاے مشکل تر، رنگینیوں اور بے جارسوم کا آئینہ دار بنا کر رکھ دیا۔ جب کہ شادی بیاہ میں جس قدر فضول خرچی اور دکھاوا کم ہو گا نکاح میں اُتنی ہی زیادہ برکتیں اور رحمتیں ہوں گی۔ آقائے کائنات صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا فرمانِ عالی شان ہے کہ جس نکاح میں جس قدر آسانی ہو گی اس میں اسی قدر زیادہ خیر و برکت ہو گی۔
ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے کہا، رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا : بڑی برکت والا ہے وہ نکاح جس میں بوجھ کم ہو۔(بیہقی شعب الایمان)
کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ہم اپنے بیٹے اور بیٹی کی شادی میں اپنا ’’ارمان‘‘ نکالنا چاہتے ہیں اور اس ’’ارمان‘‘ نکالنے کے چکر میں قرض کے دلدل میں دھنستے چلے جاتے ہیں، اللہ تعالیٰ جل شانہٗ نے جتنا دیا ہے اُسی پر قناعت کرتے ہوئے سادگی کے ساتھ نکاح کی رسم ادا کر دینا بہتر اور باعثِ عزت ہے۔
امام اوزاعی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ایک مرتبہ حضرت قبیصہ بن فحارق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس ان کے قبیلے کے کچھ لوگ آئے اور ایک شخص کے نکاح کے سلسلے میں سوال کیا لیکن حضرت قبیصہ بن فحارق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ان کو کچھ نہ دیا اور وہ لوگ واپس ہو گئے۔ حاضرین میں سے ایک صاحب نے کہا کہ آپ سے آپ کے قبیلے والوں نے نکاح کے لیے سوال کیا، آپ نے کچھ بھی نہ دیا اور وہ لوگ خالی ہاتھ واپس چلے گئے۔ حال آں کہ آپ اپنی قوم کے سردار ہیں۔ حضرت قبیصہ بن فحارق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا کہ اگر وہ ایساایسا کر لیتا تو اس کے لیے اس بہتر ہوتا، میں نے رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سُنا ہے کہ تین آدمیوں کے علاوہ کسی کو سوال کرنا حلا ل نہیں ہے،… (۱) جو شخص قرض دار ہو جائے (۲) جو شخص ناگہانی مصیبت میں پڑ جائے (۳) جو شخص فاقہ میں مبتلا ہو جائے اور اس کی جماعت کے تین ذمہ دار آدمی اس کی گواہی دیں تو بہ قدرِ ضرورت ان تینوں کو سوال کرنے کا حق ہے۔(کتاب الاموال)
صحابۂ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کا معمول تھا کہ وہ نکاح میں انتہائی درجہ آسانی اور سادگی کو مطلوب و محبوب رکھتے اور اسراف و تبذیر سے دور رہا کرتے تھے۔ محض چند اصحاب کو جمع کر کے مختصر سی مجلس میں حمد و ثنا اور نعتِ رسول صلی اللہ تعالیٰ وسلم اور خطبہ کے بعد ایجاب و قبول کروا کر نکاح کی رسم انجام دے دیا کرتے تھے۔ حسبِ ذیل واقعہ کے ذریعہ اس بات کا بہ خوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی روشِ مبارک شادی کے سلسلہ میں کیا تھی؟
حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ملک شام سے مدینۂ منورہ حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس ایک قاصد کے ذریعہ پیغام بھیجا کہ آپ اپنی بیٹی اُمِ حکیم سے میرے بیٹے یزید کی شادی کر دیں، حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کوئی جواب نہ دیا بل کہ اپنے بھتیجے حضرت عبداللہ بن عروہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے اُمِ حکیم کا نکاح کر دیا، قاصد نے کہا کہ امیر المؤمنین کو آپ کیا جواب دیں گے؟ انھوں نے کہا کہ جو کچھ تم نے دیکھا ہے اس کے علاوہ میرے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ اس نکاح کی کیفیت حضرت عبداللہ بن عروہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ یوں بیان فرماتے ہیں کہ میرے چچا حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپنی والدہ اور اپنی بیوی دونوں کے یہاں باری باری آرام فرمایا کرتے تھے، جس رات کو اپنی والدہ کی خدمت کے لیے ان کے پاس آرام فرماتے مَیں بھی وہیں سوتا تھا وہ رات کو اُٹھ کر صبح تک نماز پڑھا کرتے تھے مَیں بھی ان کے پہلو میں کھڑا رہتا اور روزانہ ظہر کی نماز مسجدِ نبوی میں ان کے ساتھ ادا کرتا تھا۔ حسبِ عادت مَیں ایک دن دوپہر میں مسجد جا رہا تھا کہ راستے میں چچا مل گئے کہا کہ ٹھہر جاؤ، مَیں رک گیا اور میرا ہاتھ پکڑے مسجد کے دروازہ تک آئے اور کہنے لگے : تم میں کیا اچھائی ہے؟ میں نے کہا:آپ میری خوبی معلوم کر کے کیا کریں گے؟ کہا کہ مَیں اپنی بیٹی اُمِ حکیم سے تمہارا نکاح کر دوں گا۔ تم کو معلوم ہے کہ وہ مجھے کس قدر پیاری ہے مَیں نے کہا: ہاں ! معلوم ہے۔ پھر مسجد میں لے گئے اور حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس بیٹھ کر اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا کی یعنی خطبہ پڑھا، اور اُمِ حکیم سے میرا نکاح فرما دیا۔(جمہرۃ نسب قریش و اخبارہا)
نکاح کا اعلان کرنا ضروری ہے
نکاح اور شادی کا اعلان کرنا بھی ضروری ہے کہ اس سے شکوک و شبہات پیدا نہیں ہوتے اور لوگوں کے علم میں یہ بات آ جاتی ہے کہ فلاں بن فلاں کا نکاح فلاں بنت فلاں کے ساتھ ہو رہا ہے۔
ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: ان نکاحوں کی تشہیر زیادہ سے زیادہ کرو ان کو مساجدمیں انجام دو اور ان پر دف کی آواز سے کام لو۔(ترمذی شریف)
حضرت محمد بن حاطب جمحی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: حرام اور حلال کے درمیان نکاح میں آواز اور دف ہے۔(ترمذی شریف)
امیر المؤمنین حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایک مرتبہ طبل کی آواز سنی جب معلوم ہوا کہ نکاح ہو رہا ہے تو فرمایا کہ نکاح کا اعلان زیادہ سے زیادہ کیا کرو۔
آج کل کہیں کہیں دف اور طبل کے علاوہ بندوق داغنے کا رواج ہے اسی طرح شادی کارڈ اور رقعہ بھی نکاح کے اعلان کی ایک شکل ہے۔ لیکن یہ عام مشاہدہ ہے کہ اس میں بھی لوگ فضول خرچی اور اسراف کی انتہا کر دیتے ہیں اور مہنگے سے مہنگا کارڈ چھپواتے ہوئے ریاکاری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔اللہ عز و جل نے قرآن حکیم میں فضول خرچ کو شیطان کا بھائی فرمایا ہے لہٰذا صرف نکاح ہی میں نہیں بل کہ زندگی کے دیگر معاملات میں بھی فضول خرچی سے بچنا مسلمان کے لیے بہت ضروری ہے۔
بارات نکالنا اور سہرا پہننا مباح ہیں
بارات نکالنا اور دولہا کو پھولوں کے خوب صورت سہرے سے سجانا یہ کوئی قبیح فعل نہیں اور نہ ہی ناجائز اور حرام ہے، علمائے کرام کے نزدیک یہ ایک مباح عمل ہے، دولہا کو سہروں سے سجانا یہ بھی ایک طرح سے نکاح کا اعلان اور مجلسِ نکاح میں شریک لوگوں میں نوشہ کو امتیاز عطا کرنا ہے تاکہ لوگ جان جائیں کہ کس کا نکاح ہونے جا رہا ہے۔ جاننا چاہیے کہ جن امور کے بارے میں قرآن و سنت اور اقوالِ ائمہ سے حتمی طور پر یہ ثابت نہ ہو کہ وہ حرام اور ناجائز ہیں تو کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ انھیں حرام اور ناجائز قرار دے کر امت میں اختلاف و انتشار کا بیج بوئے۔ بہ ہر کیف! پھولوں کا سہرا پہننا اور آدابِ شریعتِ مطہرہ کا پاس و لحاظ رکھتے ہوئے بارات نکالنا یہ اسلامی اصولو ں سے متصادم نہیں، ہاں ! بارات میں ڈھول، تاشے، طبلے، ناچ گا نے، آتش بازی، بے پردگی اور فضول خرچی کرنا کسی طرح سے جائز نہیں۔ مسلمان کا ہر عمل غیروں کے لیے نمونۂ عمل رہنا چاہیے تاکہ لوگ اسلام کی طرف راغب ہوں۔
نکاح کے وقت نعت خوانی کی محفل باعثِ خیر و برکت ہے
نکاح اور شادی کے وقت خوش طبعی اور دل چسپی کے کھیل مباح ہیں، کہ یہ خوشی و شادمانی اور نشاط و انبساط کا موقع ہوتا ہے، بالکل خاموشی کا پابند بنا دینا خلافِ فطرت ہے۔
ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے مروی ہے کہ انھوں نے کہا کہ ایک عورت نکاح کے بعد اپنے ایک انصاری خاوند کے پاس بھیجی گئی تو نبیِ کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: تمہارے پاس کھیل اور دل چسپی کی کوئی چیز نہیں ہے، اس لیے کہ انصار کھیل کو پسند کرتے ہیں۔(بخاری شریف)
آقائے کائنات صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا یہ فرمانا کہ :انصار کھیل اور دف کے باجے کو پسند کرتے ہیں اس لیے اس عورت کے ساتھ گا نے والی بچیاں کیوں نہیں کر دیا؟‘‘… اس امر کو ظاہر کرتا ہے کہ جو رسم و رواج جائز ہواس پر پابندی نہیں لگانا چاہیے، بل کہ اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ قوم کے رواج کو باقی رکھا جائے تاکہ ان کے اندر وحشت و منافرت نہ پیدا ہو جائے۔ نکاح اور شادی کے موقع پر بہتر ہے کہ میلاد شریف اور نعت خوانی کی پاکیزہ محفل سجائی جائے کہ یہ باعثِ خیر و برکت ہے۔
دعوتِ ولیمہ رسول اللہﷺ کی محبوب سنت ہے
نکاح کے بعد ولیمہ کرانا بھی رسولِ کونین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی مرغوب و محبوب سنت ہے۔ اس سنت کی ادایگی میں بھی اسلام نے ہمیں اعتدال کا راستہ بتایا ہے۔ افسوس! کہ اس پاکیزہ سنت کو ادا کرنے میں لوگ ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ مسکینوں اور غریبوں کو دعوت دینے کی بجاے صرف امیروں اور مال داروں کو زیادہ سے زیادہ مدعو کیا جاتا ہے جب کہ حضور رحمتِ عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا فرمانِ عالی شان ہے کہ :بدترین کھانا وہ ولیمہ ہے جس میں مال داروں کو بلایا جائے اور فقیروں کو چھوڑ دیا جائے، اور جو شخص بلا عذرِ شرعی دعوت میں نہ جائے اس نے اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی نافرمانی کی۔ (بخاری و مسلم شریف)
رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: کہ شادی کے پہلے دن کا ولیمہ حق ہے، دوسرے دن کا صدقہ ہے اور تیسرے دن کا شہرت اور ریاکاری ہے، مشہور تابعی حضرت سعید بن مسیب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو ایک شادی میں سہ روزہ ولیمہ کی دعوت دی گئی تو وہ پہلے اور دوسرے روز ولیمہ میں شریک ہوئے اور تیسرے دن جب لوگ بلا نے کے لیے آئے تو فرمایا کہ تم چلے جاؤ، اب لوگ شہرت اور ریا کاری کو پسند کرنے لگے ہیں۔ (کنز العمال)
ایک مرتبہ لوگوں نے امیر المؤمنین حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے پوچھا کہ کیا بات ہے کہ شادی کے کھا نے میں ہم کو جو لذّت اور خوش بو ملتی ہے وہ عام کھانوں میں نہیں ملتی؟ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ولیمہ کے کھا نے میں خیر و برکت کی دعا فرمائی ہے۔ حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ الصلاۃ والسلام نے دعا کی ہے کہ اے اللہ! اس کھا نے کو لذیذ اور بابرکت بنا۔ ولیمہ میں جنت کے کھا نے کا مزہ ہوتا ہے۔(کنز العمال)
آقائے کائنات صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے خیبر سے واپسی پر خیبر اور مدینۂ منورہ کے درمیان تین روز قیام فرمایا اور اسی مقام پر ام المؤمنین حضرت صفیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے نکاح کر کے دعوتِ ولیمہ کی، آپ نے دسترخوان پر کھجور، پنیر اور گھی رکھ دیا۔ دوسرے حضراتِ صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم نے بھی اسی قسم کا سامان لائے اور سب کو ملا کر لوگوں نے تناول کیا۔ ایک روایت میں ہے کہ نکاح کی صبح کو آقا صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے اعلان فرمایا کہ : جس شخص کے پاس کھا نے پینے کا سامان ضرورت سے زائد ہواُسے لا کر رکھ دے، چناں چہ لوگوں نے کھجور، ستّو اور گھی کے ڈھیر لگا دیے اور اسی سے ولیمہ کی دعوت ہوئی۔(سنن بیہقی)
ام المؤمنین حضرت ام سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے نکاح کے وقت رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے کھجور اور ستّو کا ولیمہ کھلایا۔ حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے بعض ازواجِ مطہرات سے نکاح کے موقع پر زیادہ مقدار میں ولیمہ کا کھانا کھلایا ہے۔ ثابت بنانی تابعی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے پوچھاکہ حضور انور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے ولیمہ کی مقدار کیا تھی؟ حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بتایا کہ گوشت اور روٹی کی مقدار اتنی زیادہ تھی کہ لوگوں نے شکم سیر ہو کر کھایا پھر بھی کھانا بچ گیا۔(سنن بیہقی)
ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے بعض ازواجِ مطہرات سے نکاح پر صرف دو مُد جَو سے دعوتِ ولیمہ فرمائی تھی۔
حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اوپر زردی کا اثر دیکھا، دریافت فرمایا، یہ کیا ہے؟ آپ نے عرض کیا، میں نے ایک عورت سے شادی کی ہے، رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ان سے پوچھا، مہر میں کیا چیز دی؟ انھوں نے عرض کی، یارسول اللہ(ﷺ)! کھجور کی گٹھلی بھر سونا دیا ہے۔ آقا صلی اللہ علیہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا بَارَکَ اللّٰہُ لَکَ، اللہ تجھے برکت دے، اور حکم دیا کہ تم دعوتِ ولیمہ کرو، چاہے ایک ہی بکری ہو۔(بخاری شریف)
اس حدیثِ پاک سے یہ معلوم ہوا کہ حسبِ استطاعت دعوتِ ولیمہ کا اہتمام کرنا سنت ہے، لیکن قرض لے کر لمبی چوڑی دعوت کرنا جائز نہیں کہ مختصر دعوت سے بھی ولیمہ کی سنت ادا ہو جاتی ہے۔ دوسری بات یہ معلوم ہوئی کہ جس کی شادی ہو اس کو مبارک باد دینا یعنی برکت کی دعا کرنا بھی سنت سے ثابت ہے اور اس میں وہ الفاظ ہوں جو حدیث میں ہیں تو بہتر ہے۔ اور یہ بھی ثابت ہوا کہ ولیمہ شبِ زفاف کے بعد ہونا چاہیے۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: دو مقابلہ کرنے والے کی دعوت نہ قبول کی جائے نہ ان کا کھانا کھایا جائے، امام احمد نے فرمایا،ان سے فخر و ریا کے طور پر مقابلہ کرنے والے مراد ہیں۔ (بیہقی)
اس سے ان لوگوں کو سبق حاصل کرنا چاہیے جو نام و نمود، نمایش اور دکھاوے کے لیے کھانوں کا اہتمام کرتے ہیں، کہیں کھا نے والوں کی تعداد میں مقابلہ ہوتا ہے تو کہیں مختلف اقسام کے کھانوں میں۔
علاوہ ازیں فی زمانہ یہ روایت بھی جڑ پکڑتی جا رہی ہے کہ بعض بہ زعمِ خویش ’’اللہ والے‘‘ لوگ اپنی اولاد کا نکاح ’’اجتماع‘‘ میں تو ’’سادگی‘‘ سے کر لیتے ہیں۔ بعد ازاں خوب صورت اور مہنگے کارڈز چھپوا کر شان و شوکت اور فخر و مباہات سے دعوتِ ولیمہ کا اہتمام کرتے ہوئے انواع و اقسام کے کھا نے پکواتے ہیں۔ ایک طرف تو ’’سادگی‘‘ کا ڈھنڈورا پیٹا جاتا ہے اور دوسری طرف فضول خرچی اور ریا کاری کی انتہا کر دی جاتی ہے۔ قول و فعل کا یہ تضاد بڑا افسوس ناک ہے، الامان والحفیظ!!
جہیز کا مطالبہ خلافِ سنت ہے
نکاح کے بعد لڑکی کی رخصتی کے وقت آج کا مروجہ جہیز دینا سنت نہیں بل کہ محض ایک رسم ہے۔ آج کل غیر مسلموں سے میل جول، ہندوانہ رسم و رواج اور ٹی وی سیریلوں کے سبب ہمارے مسلم معاشرے میں جہیز کا مطالبہ بھی زور پکڑتا جا رہا ہے۔ بڑے افسوس کا مقام ہے کہ لڑکی کے والدین کو کبھی کبھی بڑی مصیبتوں اور تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے شادی سے پہلے دولہے کے جوڑے کے لیے روپے کی طلب، اور اگر لڑکا زیادہ پڑھا لکھا ہے تو اس کے لیے علاحدہ سے ’’ہُنڈا‘‘ مانگنا، نیز بارات لے کر آنے پر باراتیوں کے لیے عمدہ اقسام کے فرمائشی کھانوں کا اہتمام، اور پھر رخصتی کے وقت جہیز کے نام پر قیمتی سازوسامان کی مانگ یہ سب ایسے امور ہیں جو ایک مسلمان کو زیب نہیں دیتے۔فی زمانہ تو ہر والدین اپنی لڑکی کو اتنا جہیز تو دے ہی دیتے ہیں جو ضروریاتِ زندگی اور ایک خاندان کے لیے کافی ہوتا ہے۔ لڑکی کے والدین اپنی مرضی اور حسبِ استطاعت جو بھی دے دیں اُسی پر اکتفا کرنا یہ شانِ مسلمانی ہے نہ کہ بھکاریوں کی طرح جہیز کا بے جا مطالبہ کرنا،…
ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے اسلافِ کرام کے مبارک نقشِ قدم کو اپنائیں اور ان کے حالاتِ زندگی کا مطالعہ کر کے اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں کہ ہمارے بزرگوں کا طور طریقہ اس سلسلے میں کیا تھا؟
ایک انصاری کہتے ہیں کہ میری نانی حضرت فاطمۃ الزہراء رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی رخصتی کی تقریب میں شریک تھیں، ان کا بیان ہے کہ : حضرت فاطمۃ الزہراء رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی رخصتی کے وقت ان کے جسم پر دو پرانی چادریں اور دو چاندی کے کنگن تھے، جو زعفران میں رنگے ہوئے تھے۔ جب ہم حضرت فاطمہ کو لے کر حضرت علی (کرم اللہ وجہہ الکریم) کے گھر پہنچے تو دیکھا کہ ایک چبوترہ پر ایک بکری کی کھال اور کھجور کے ریشہ سے بھرا ہوا ایک تکیہ، ایک مشک، ایک چھلنی،ایک تولیہ اور ایک بڑا پیالہ رکھا ہوا ہے۔
امیرالمؤمنین حضرت علی مرتضیٰ کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم فرماتے ہیں کہ : رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے یہ اشیا (حضرت) فاطمہ(رضی اللہ تعالیٰ عنہا) کے جہیز میں دی تھیں،ایک چار پائی (خملہ) ایک تکیہ ریشہ بھرا ہوا، دو چکیّاں، ایک مشک اور دو گھڑے،ایک روایت میں سریر یعنی چار پائی، تکیہ، توریعی چمڑے کاپانی کا برتن، اور مشک ہے۔ (طبقات ابن سعد)
امیر المؤمنین حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایک مرتبہ منبر پر کہا کہ جس وقت میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحب زادی سے نکاح کیا ہمارے گھر میں ایک بستر بھی نہیں تھا۔ بکری کی کھال پر ہم راتوں کو سویا کرتے تھے، اور دن میں اسی پر اونٹ کو کھلاتے تھے۔
اختتامیہ
اسلام میں نکاح اور شادی کا تصور بڑا پاکیزہ اور ستھرا ہے۔ احادیثِ طیبہ کی روشنی میں اگر ہم صحیح اسلامی طریقے سے شادی بیاہ کی جملہ جائز، مباح اور مستحسن رسم و رواج ادا کریں تو کوئی ہم پر انگشت نمائی بھی نہیں کرے گا اور ہم طرح طرح کی برائیوں اور بے جا فضول خرچی سے محفوظ رہ جائیں گے۔
بے پردگی تو ایسے بھی بری چیز ہے لیکن آج کل شادی بیاہ کے مواقع پر تو یہ وبا ایسی عام ہوتی جا رہی ہے کہ الامان و الحفیظ!! فیشن کے اس دور میں نت نئے ڈیزائن کے کپڑوں میں ملبوس مرد و خواتین کا بے پردہ شادی کی تقریب میں شرکت کرنا بد نگاہی کے ساتھ ساتھ دیگر کئی بڑی برائیوں کو جنم دیتا ہے۔ اسی طرح بارات میں ڈھول، تاشے، طبلے،باجے، گا نے،پٹاخے اور آتش بازی جیسے امور کسی بھی طرح سے مستحسن عمل نہیں ہیں۔علاوہ ازیں جہیز کا بے جا مطالبہ اور دعوتِ ولیمہ وغیرہ میں ریا و نمود اور فخر و مباہات سے کام لیتے ہوئے انواع و اقسام کے کھا نے کا اہتمام کر کے مقابلہ کرنا اور دیگر خرافات و منکرات کو انجام دینا بھی غیراسلامی افعا ل ہیں۔ ان سے بچنا ہمارے لیے لازمی اور ضروری ہے۔
ہمیں چاہیے کہ صالح معاشرے کی تعمیر و تشکیل کے لیے اسلامی اخلاق و آداب کا پاس و لحاظ رکھتے ہوئے شادی بیاہ کی تقریبات کا انعقاد کریں، اس لیے کہ دائرۂ شریعت میں رہ کر کیا جانے والا ہر کام عبادت میں بھی شامل ہوتا ہے نیز ثواب اور خیر و برکت کا باعث بھی بنتا ہے۔ اللہ عز و جل سے دعا ہے کہ رسولِ کونین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے صدقہ و طفیل ہمیں نیک عمل کی سعادت اور ایمان پر خاتمہ بالخیرنصیب فرمائے۔(آمین بجاہِ الحبیب الامین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ و ازواجہٖ واصحابہٖ اجمعین)
محمد حسین مُشاہدؔ رضوی، مالیگاؤں ۱۸؍جون ۲۰۱۱ء 09420230235
نُمودِ شگفتگی
برادرِ اصغر عزیزی محمد اسماعیل برکاتی کی رسم مناکحت کے موقع پر اک تہنیتی نظم
عطائے رب سے بہ صد مسرت چمک رہا ہے چمکتا سہرا
نبیِ رحمت کی ہے عنایت دمک رہا ہے دمکتا سہرا
بسی ہے ہر سوٗ گلوں کی نکہت مہک رہا ہے مہکتا سہرا
مِٹا یہاں سے نشانِ کلفت لہک رہا ہے لہکتا سہرا
ہے فیضِ غوث و رضا و نوری، دعائے اختر نگاہِ نظمی
پدَر و مادر کی ہے محبت ہمک رہا ہے ہمکتا سہرا
چمن میں احمد کے آج دیکھو فضائے کیف و نشاط چھائی
دعاے احباب کی ہے برکت کھنک رہا ہے کھنکتا سہرا
جبیں پہ اسماعیل کی یقیناً گلوں کی جچتی ہے خوب رنگت
بہنوں، بھائیوں، بھابھی کی چاہت چہک رہا ہے چہکتا سہرا
شگفتگی کی نُمود دیکھو کلی کلی عطر بیز ساری
مہک رہی ہے بہ شکلِ فرحت چٹک رہا ہے چٹکتا سہرا
مُشاہدِؔ رضوی دو دعائیں ہو کیف آگیں ہر ایک لمحہ
نگاہِ لطفِ امینِ ملّت لچک رہا ہے لچکتا سہرا
نتیجۂ فکر: ڈاکٹر محمد حسین مُشاہدؔ رضوی
٭٭٭
مصنف کے تشکر کے ساتھ جنہوں نے ان پیج فائل فراہم کی
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
شادی کااسلامی تصور
ڈاکٹر محمد حسین مُشاہدؔ رضوی
نکاح کی اہمیت اور ضرورت
رسولِ کونین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے نکاح اور شادی کی ترغیب دی ہے اور اس کی اہمیت اور ضرورت کو بیان بھی فرمایا ہے۔ احادیثِ طیبہ کے مطالعہ کی روشنی میں یہ بات واضح ہوتی ہے کہ نکاح کرنا مسلمان کے لیے بہت سارے فوائد و ثمرات اور برکات کا خزینہ ہے۔
آقائے کائنات صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا فرمانِ عالی شان ہے کہ : یہ دنیا متاع ہے اور اس کی بہترین متاع نیک عورت ہے۔ (مسلم شریف)
نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمانِ والا شان یہ بھی ہے کہ : وہ مرد مسکین ہے، وہ مرد مسکین ہے، جس کی بیوی نہیں۔ صحابۂ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین نے عرض کی، یارسول اللہ (ﷺ)! اگرچہ اُس کے پاس مال ہو؟ آپ(ﷺ) نے فرمایا کہ ہاں ! تب بھی وہ مسکین ہے، پھر آپ(ﷺ) نے فرمایا : وہ عورت مسکینہ ہے جس کے شوہر نہیں۔ صحابۂ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین نے دوبارہ عرض کی، یارسول اللہ (ﷺ)! اگرچہ اُس کے پاس مال ہو؟ آپ(ﷺ) نے فرمایا کہ ہاں ! تب بھی وہ مسکینہ ہے۔
ایک مرتبہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالی ٰعنہ نے شادی نہ کرنے کا ارادہ کیا، جب یہ خبر ان کی بہن ام المؤمنین حضرت سیدہ حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو پہنچی تو انھوں نے کہا کہ بھائی ! تم شادی کر لو، اگر کوئی بچہ پیدا ہوا اور زندہ رہا تو تمہارے حق میں دعائے خیر کرے گا۔
حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ فرماتے ہیں … جب تم میں کوئی نکاح کرتا ہے تو شیطان کہتا ہے ہائے افسوس! ابن آدم نے مجھ سے اپنا دو تہائی دین بچا لیا۔ (بہار شریعت)
حضرت انس رضی اللہ تعالی ٰعنہ سے مروی ہے کہ حضور انور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: جو خداے تعالیٰ سے پاک و صاف ہو کر ملنا چاہے وہ آزاد عورتوں سے نکاح کرے۔(ابن ماجہ)
حضرت مجا ہد رحمۃ اللہ تعالی ٰعلیہ کا بیان ہے کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی ٰعنہ نے حضرت سُمیع رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت کُریب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو بلا کر کہا کہ تم دونوں اس عمر کو پہنچ گئے ہو جس میں مرد ازدواجی زندگی کے قابل ہو جاتے ہیں اس لیے تم میں جو چاہے میں اُس کی شادی کر دوں ؟ جب کوئی شخص بدکاری میں مبتلا ہو جاتا ہے تو اس سے اللہ تعالیٰ اسلام کا نور سلب کر لیتا ہے، پھر اس کی مرضی واپس کرے یا نہ کرے۔(کنزالعمال ج ۸ ص ۲۸۷)
حضرت ہشام بن جحیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے طاؤس سے روایت کی ہے کہ نوجوان کی عبادت اس وقت تک مکمل نہیں ہوتی جب تک کہ وہ نکاح نہ کر لے۔
حضرت امیر المؤمنین ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے انھوں نے فرمایا کہ اللہ نے جو تمھیں نکاح کا حکم فرمایا ہے تو تم اس کی اطاعت کرو، اس نے غنی کرنے کا وعدہ کیا ہے پورا فرمائے گا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اگر وہ فقیر ہوں گے تو اللہ انھیں اپنے فضل سے غنی کر دے گا۔(ابن ابی حاتم)
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: اے جوانو!تم میں جو کوئی شادی کی استطاعت رکھتا ہے وہ شادی کر لے کیوں کہ یہ اجنبی عورت کی طرف نظر کرنے سے نگاہ کو روکنے والا اور شرم گاہ کی حفاظت کا بہترین ذریعہ ہے اور جو اس کی استطاعت نہیں رکھتا وہ روزہ رکھے کیوں کہ روزہ قاطعِ شہوت ہے۔(مسلم شریف)
ان احادیثِ طیبہ سے نکاح اور شادی کی ضرورت اور اہمیت کا بہ خوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ مسلمان نوجوانوں کو شادی کرنا کتنا ضروری ہے۔ نکاح کرنے سے انسان کے بدکاری میں مبتلا ہونے کا اندیشہ نہیں رہتا، بد نگاہی اور دیگر افعالِ ناپسندیدہ سے حفاظت کے ساتھ تسکینِ طبع کا سامان مہیا ہو جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے غنی کر دیتا ہے۔
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)